ادبِ اطفال

نونہال کہانیاں

مصنف: حصہ دوم
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (6,473 الفاظ)

نونہال کہانیاں

(جلدِ اوّل) ماہنامہ ہمدرد نونہال سے منتخب کہانیاں

جمع و ترتیب: انیس الرحمٰن غیرملکی ادب سے انتخاب

ہیرے والا شترمرغ

رؤف پاریکھ

"اگر تم پرندوں کی قیمت کی بات کرتے ہو تو میں تمہیں بتاؤں کہ میں نے ایک ایسا شترمرغ بھی دیکھا ہے جس کی قیمت تین ہزار پاؤنڈ لگائی گئی تھی۔ تین ہزار پاؤنڈ! سمجھے؟" اس نے مجھے چشمے کے اوپر سے گھورتے ہوئے کہا۔
اس کا کام پرندوں کی کھال میں بھُس بھر کر اسے بچنا تھا، اسی لیے وہ پرندوں اور ان کی قیمتوں کے قصّے سنایا کرتا تھا۔
"تین ہزار پاؤنڈ؟" میں نے حیرت ظاہر کی۔ "کیا وہ شترمرغ کسی نایاب نسل کا تھا؟"
"نہیں ایسی کوئی بات نہیں تھی۔ وہ اور باقی چار شترمرغ جن کا قصّہ سنانے والا ہوں پانچوں عام سے شترمرغ تھے، بلکہ ایک کی کھال کا رنگ بھی مناسب دانا پانی نہ ملنے کی وجہ سے اڑ گیا تھا، لیکن ان میں سے ایک شترمرغ نے ایک نہایت قیمتی ہیرا نگل لیا تھا۔"
"شترمرغ نے ہیرا نگل لیا تھا؟"
"ہاں۔"
اس نے ہماری دلچسپی کو دیکھ کر پورا قصّہ سنانا شروع کیا جو یوں تھا:
وہ ہیرا ایک ہندو بیوپاری کا تھا۔ اس کا نام موہن تھا۔ موہن ایک موٹا سا آدمی تھا۔ اس کی پگڑی میں وہ ہیرا لگا ہوا تھا۔ شترمرغ نے اس کی پگڑی پر چونچ ماری اور ہیرا نگل لیا۔ جب موہن کو پتا چلا کہ کیا ہو گیا ہے تو اس نے ایک ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ یہ سب کچھ ذرا سی دیر میں ہو گیا۔ میں ان لوگوں میں شامل تھا جو سب سے پہلے وہاں پہنچے۔ دراصل ہم لوگ لندن جانے کے لیے ایک بحری جہاز میں سوار ہو رہے تھے۔ جب میں وہاں پہنچا تو موہن، دو ملاحوں اور شترمرغ کے رکھوالے کے درمیان اچھی خاصی گرما گرمی ہو رہی تھی، بلکہ شترمرغ کا رکھوالا تو ہنستے ہنستے دوہرا ہوا جا رہا تھا۔ یہ پانچوں شترمرغ لندن جانے کے لیے بحری جہاز پر پہنچائے جا رہے تھے کہ ان میں سے ایک نے پاس کھڑے ہوئے ایک ہندو بیوپاری موہن کی پگڑی میں لگا ہوا ہیرا نگل لیا۔ اس وقت شترمرغوں کا رکھوالا وہاں موجود نہیں تھا۔ وہ تھوڑی دیر بعد پہنچا۔ اس لیے اسے بھی پتا نہ تھا کہ کون سے شترمرغ نے ہیرا نگلا ہے۔ بہرحال ہم سب بحری جہاز پر سوار ہو گئے اور جہاز لندن کے لیے روانہ ہو گیا۔ شترمرغ بھی جہاز پر سوار تھے۔
بحری جہاز پر اس قسم کی خبریں بہت تیزی سے پھیلتی ہیں۔ چنانچہ تھوڑی ہی دیر بعد تمام مسافروں کو اس بات کا پتا لگ گیا کہ جہاز پر سوار شترمرغوں میں سے ایک کے پیٹ میں ایک ہیرا موجود ہے جو اس نے ایک مسافر کی پگڑی سے اچک لیا تھا۔
ہر شخص اسی کے بارے میں بات کر رہا تھا۔ موہن اپنے جذبات چھپانے کے لیے اپنے کیبن میں چلا گیا،لیکن رات کے کھانے پر جب سب مسافر جہاز کے کھانے کے کمرے میں جمع ہوے تو موہن ایک میز پر جہاز کے کپتان کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا۔
موہن نے کپتان پر زور دیا کہ وہ کسی نہ کسی طرح اس کا ہیرا واپس دلوائے۔ اس کا کہنا تھا میں وہ شترمرغ نہیں خریدوں گا بلکہ مجھے میرا قیمتی ہیرا دلوانا کپتان کا فرض ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ اگر مجھے میرا ہیرا واپس نہ ملا تو میں لندن پہنچ کر پولیس میں شکایت درج کروں گا۔ لہذا بہتر ہے کہ شترمرغوں کو کوئی دوا کھلا کر ہیرا حاصل کیا جائے۔
اُدھر شترمرغوں کا رکھوالا بھی ایک ضدی آدمی نکلا۔ اس نے کہا کہ میں شترمرغوں کو دوا دے کر ہیرا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ اس کا کہنا تھا کہ میں شترمرغوں کا مالک نہیں ہوں بلکہ صرف رکھوالا ہوں اور مجھے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ شترمرغوں کو صرف فلاں فلاں چیز کھلائی جائے اور انھیں فلاں فلاں طریقے سے رکھا جائے۔ جب کہ موہن کا کہنا تھا کہ چوں کہ شترمرغوں میں سے ایک نے اس کا ہیرا نگل لیا ہے، اس لیے اب وہ جس طرح چاہے ہیرا نکال سکتا ہے، چاہے ان کا پیٹ کاٹ کر ہی کیوں نہیں نکالا جائے۔ اس طرح یہ مسئلہ ایک قانونی شکل اختیار کر گیا تھا، لیکن جہاز پر کوئی وکیل موجود نہ تھا، اس لیے ہر مسافر اپنی اپنی رائے دے رہا تھا۔ مسافر میں سے اکثر کا کہنا یہ تھا کہ موہن کو شترمرغ خرید لینے چاہئیں، پھر اس کا جو جی چاہے ان کے ساتھ کرے۔
جہاز عدن کی بندرگاہ پر رکا اور جب وہاں سے چلا تو رات کے کھانے پر موہن نے مسافروں کی بات مان لی اور پانچ کے پانچ شترمرغ خریدنے کے لیے تیار ہو گیا، لیکن اگلی صبح ناشتے پر صورتحال پھر بدل گئی، کیوں کہ شترمرغوں کے رکھوالے نے اعلان کیا کہ وہ شترمرغوں کا مالک نہیں ہے اس لیے وہ انہیں کیسے بیچ سکتا ہے؟ اور دنیا کی کوئی طاقت اسے مالک سے پوچھے بغیر شترمرغ بیچنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔
اس پر ایک مسافر کھڑا ہو گیا۔ اس کا نام پوٹر تھا۔ اس نے اعلان کیا کہ شترمرغوں کے رکھوالے کو میں نے بھی اچھی خاصی رقم کی پیشکش کی تھی، لیکن وہ شترمرغ بیچنے پر تیار نہیں تھا، اس لیے جب جہاز عدن پر ٹھہرا تھا تو میں نے وہاں سے شترمرغ کے مالک کو لندن میں تار دے کر تمام شترمرغ خریدنے کی پیشکش کی تھی۔ اس کا جوابی تار مجھے جہاز کی اگلی منزل یعنی سویز پر مل جائے گا۔ یہ سن کر موہن نے پوٹر کو سب کے سامنے برا بھلا کہا۔ اس کی صورت دیکھنے والی تھی،لیکن باقی سب مسافر پوٹر کو ایک ہوشیار آدمی مان گئے۔
جب جہاز سویز پہنچا تو پوٹر کے تار کا جواب لندن سے آ چکا تھا۔ شترمرغ کے مالک نے انہیں پوٹر کے ہاتھ فروخت کرنے کی ہامی بھر لی تھی۔ اب پوٹر شترمرغوں کا مالک بن چکا تھا۔ یہ خبر سن کر موہن کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ آخر اس نے پوٹر سے کہا میں شترمرغ تم سے خریدنے کے لیے تیار ہوں۔ تم فی شترمرغ پانچ سو پاؤنڈ کے حساب سے پانچ شترمرغوں کے ڈھائی ہزار پاؤنڈ لے لو۔ اس پر پوٹر نے کہا کہ میں نے یہ شترمرغ بیچنے کے لیے نہیں خریدے۔ میرا ارادہ ان کے پیٹ چاک کر کے ہیرا تلاش کرنے کا ہے۔
لیکن بعد میں پوٹر کا ارادہ بدل گیا اور اس نے شترمرغ نیلام کرنے کا اعلان کیا، لیکن اس نے ایک شرط بھی رکھی۔ وہ یہ کہ کسی شخص کے ہاتھ ایک سے زیادہ شترمرغ فروخت نہیں کیے جائیں گے اور ایک شترمرغ وہ اپنے لیے رکھے گا تاکہ قسمت آزما سکے۔ کیا پتا ہیرا اسی میں سے نکلے۔
وہ ہیرا بہت قیمتی تھا۔ ہمارے ساتھ بحری جہاز پر ہیروں کا ایک یہودی تاجر بھی سفر کر رہا تھا۔ جب موہن نے اسے اس ہیرے کے بارے میں بتایا کہ کیسا تھا اور کتنا بڑا تھا تو اس نے اس کی قیمت اندازاً چار سے پانچ ہزار پاؤنڈ بتائی۔ جب جہاز کے مسافروں کو ہیرے کی قیمت کا پتا چلا تو وہ بےچینی سے نیلامی کا انتظار کرنے لگے جو اگلے دن ہونے والی تھی۔
اب اتفاق کی بات کہ شترمرغ کے رکھوالے سے مجھے باتوں باتوں میں پتا چلا کہ ایک شترمرغ بیمار ہے اور اس کے پیٹ میں گڑبڑ ہے۔ اس شترمرغ کی دم کے پروں میں سے ایک پر بالکل سفید تھا جو شاید بیماری کی وجہ سے ہو گیا تھا۔ میں نے سوچا کہ ہو نہ ہو یہ وہی شترمرغ ہے جس کے پیٹ میں ہیرا ہے اور اسی لیے اس کے پیٹ میں گڑبڑ ہے۔ اگلے روز جب نیلامی شروع ہوئی تو سب سے پہلے یہی شترمرغ لایا گیا۔ بولی آٹھ سو پاؤنڈ سے شروع ہوئی۔ موہن نے فورا ساڑھے آٹھ سو کی بولی دی جس کے جواب میں میں نے نو سو پاؤنڈ کی آواز لگائی۔ مجھے یقین تھا کہ ہیرا اسی شترمرغ کے پیٹ میں ہے اور اتنے زیادہ بھاؤ یعنی نو سو پاؤنڈ سے کوئی آگے نہیں بڑھے گا، لیکن موہن بالکل باؤلا ہو گیا تھا۔ اس نے اندھا دھند بولی بڑھانی شروع کی۔ ہیروں کا یہودی تاجر بھی بڑھ چڑھ کر بولی لگا رہا تھا۔ اس نے بولی ایک ہزار سات سو پاؤنڈ تک پہنچا دی۔ اس موقعے پر پوٹر نے اس کے حق میں بولی ایک دو تین کہہ کر ختم کر دی۔ موہن نے ایک ہزار آٹھ سو کی آواز لگائی، لیکن تب تک پوٹر تین کہہ چکا تھا۔ موہن ہاتھ ملتا رہ گیا۔
یہودی تاجر نے پوٹر کو شترمرغ کی قیمت ادا کی اور اسی وقت پستول نکال کر شترمرغ کو گولی مار دی۔ اس پر پوٹر نے خوب شور مچایا اور کہا کہ اگر شترمرغ کو اسی وقت کاٹا گیا تو اس سے نیلامی پر برا اثر پڑے گا، کیوں کہ اگر اس میں سے ہیرا نکل آیا تو میرے باقی شترمرغ کوئی نہیں خریدے گا، لیکن ہم سب ہیرا دیکھنے کے لیے اس قدر بےچین تھے کہ سب نے سنی ان سنی کر دی۔ شترمرغ کو چیرا پھاڑا گیا، لیکن اس میں سے کچھ نہ نکلا۔ مجھے یہ سوچ کر خوشی ہوئی کہ میرا نقصان ہوتے ہوتے رہ گیا، کیوں کہ میں خود اس شترمرغ کی ایک ہزار چار سو پاؤنڈ قیمت لگا چکا تھا۔
یہودی تاجر نے کسی خاص افسوس کا اظہار نہیں کیا۔ البتہ پوٹر نے یہ کہہ کر نیلامی بند کر دی کہ جب تک سارے شترمرغ نہیں بک جاتے وہ کسی کو شترمرغوں کی چیر پھاڑ نہیں کرنے دے گا، لیکن یہودی تاجر کا کہنا تھا کہ جب کوئی شخص ایک چیز خرید تا ہے تو اس کی مرضی ہوتی ہے کہ وہ اس کے ساتھ جب اور جیسا چاہے سلوک کرے۔ بات بڑھ گئی اور گرما گرمی ہونے لگی تو نیلامی اگلی صبح تک روک دی گئی۔ رات کو کھانے کی میز پر شترمرغوں کی نیلامی کے بارے میں ہی باتیں ہوتی رہیں۔ جتنے منہ اتنی باتیں۔ کچھ نے تو جہاز کے کپتان سے یہ بھی کہا کہ اس نیلامی کو روک دیا جائے، کیوں کہ اس طرح سے ہیرا بیچنا ایک طرح کا جوا ہے، لیکن پوٹر کا کہنا تھا کہ ہیرا نہیں بیچ رہا۔ میں تو صرف شترمرغ بیچ رہا ہوں۔ آخر کپتان نے اعلان کیا کہ جہاز پر شترمرغ کی خرید و فروخت کی اجازت ہے، لیکن شترمرغوں کے قتل کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اب کوئی شخص شترمرغوں کو نہ تو جہاز پر ہلاک کرے گا اور نہ ان کی چیر پھاڑ کرے گا۔ لندن پہنچنے کے بعد جہاز سے اتر کر مسافروں کا جو جی چاہے شترمرغوں کے ساتھ کریں۔
اگلی صبح جب نیلامی شروع ہوئی تو ہر شخص کے ذہن میں یہ بات تھی شترمرغ پانچ کے بجائے اب چار رہ گئے ہیں، اس لیے کسی ایک شترمرغ سے ہیرا نکلنے کا امکان اب پہلے سے زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بولی کل سے بھی زیادہ پر شروع ہوئی۔ میرے پاس پیسے کم تھے اس لیے میں تو پیچھے ہٹ گیا۔ ایک شترمرغ دو ہزار پاؤنڈ کا بکا۔ ایک کی قیمت دو ہزار تین سو پاؤنڈ لگائی گئی۔ جب کہ تیسرا ڈھائی ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوا، لیکن عجیب بات تھی کہ موہن نے ان میں سے ایک بھی نہیں خریدا، بلکہ جب بولی لگائی جا رہی تھی تو وہ ایک کونے میں بیٹھا لندن پہنچ کر پولیس میں رپورٹ درج کرانے کی باتیں کر رہا تھا اور قانونی نقطے اٹھا رہا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ یہ ساری نیلامی غیر قانونی ہے۔ فروخت ہونے والے تین شترمرغوں میں سے ایک اُسی یہودی تاجر نے خریدا۔ ایک شترمرغ ایک افسر نے خریدا جو جہاز پر سفر کر رہا تھا۔ تیسرا اس جہاز کے انجینئروں نے آپس میں پیسے جمع کر کے خرید لیا۔
جب نیلامی ختم ہوئی تو پوٹر اُداس ہو گیا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے شترمرغ بیچ کر بےوقوفی کی ہے۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ اس نے اپنے لیے جو شترمرغ رکھا تھا وہ بھی اس نے ایک مسافر کو تین ہزار پاؤنڈ میں رات ہی بیچ دیا تھا، لیکن میری سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ اس میں بےوقوفی کی کیا بات ہے۔ جو شترمرغ اس نے زیادہ سے زیادہ آٹھ سو پاؤنڈ میں خریدے ہوں گے وہ اس نے ایک ایک کر کے ساڑھے گیارہ ہزار پاؤنڈ میں بیچ دیے۔
آخر جہاز لندن کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔ سارے مسافر اترنے شروع ہوئے۔ شترمرغ بھی اتارے گئے۔ شترمرغ خریدنے والوں نے انہیں وہیں چیرنے پھاڑنے کا ارادہ کیا لیکن بندرگاہ کے افسروں نے اس کی اجازت نہیں دی۔ موہن پاگلوں کی طرح اِدھر اُدھر دوڑتا پھر رہا تھا۔ جن لوگوں نے شترمرغ خریدے تھے وہ ان سے ان کے نام اور پتے پوچھ رہا تھا اور کہہ رہا تھا کہ ان کے خریدے ہوئے شترمرغ سے ہیرا نکل آئے تو مجھے خط لکھ کر بتائیں، لیکن کسی نے بھی اسے اپنا نام پتا نہیں دیا۔ موہن نے پوٹر کو بھی برا بھلا کہا لیکن پوٹر نے اپنا سامان اٹھایا اور چل پڑا۔ باقی مسافر بھی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ شتر مرغ خریدنے والوں نے انہیں لدوایا اور وہ بھی چل پڑے۔
یہ کہہ کر وہ چھپ ہو گیا اور ایک پرندے کی کھال میں بھُس بھرنے لگا۔ میں نے بےصبری سے کہا، "پھر کیا ہوا؟ ہیرا کون سے شترمرغ میں تھا؟"
وہ مسکرایا اور بولا، "میرے خیال سے کسی میں بھی نہیں۔"
"وہ کیوں؟" میں نے حیرت سے پوچھا۔
اس نے بتانا شروع کیا، "یہ بات مجھے کبھی معلوم نہ ہوتی اور میں یہی سمجھتا رہتا کہ موہن کا ہیرا کسی شترمرغ نے نگل لیا تھا، لیکن اتفاق کی بات ہے کہ لندن پہنچنے کے ایک ہفتے بعد میں لندن کی ریجنٹ اسٹریٹ میں خریداری کر رہا تھا کہ مجھے موہن اور پوٹر نظر آئے۔ دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے، بہت خوش خوش، مسکراتے ہوئے جا رہے تھے۔ دونوں نے بہت عمدہ اور مہنگے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ میں چُپ چاپ انہیں دیکھنے لگا۔ انہوں نے کوئی چیز خریدی۔ موہن نے پیسے دینے کے لیے بٹوا نکالا تو وہ نوٹوں سے ٹھنسا ٹھس بھرا ہوا تھا۔ لگ رہا تھا کہ دونوں کو کہیں سے بہت سا رُوپیہ ہاتھ لگا ہے۔"
میں نے ایک لمبی سانس لے کر کہا، "بہت خوب! تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ کسی شترمرغ نے کوئی ہیرا نہیں نگلا تھا۔ موہن اور پوٹر دونوں ساتھی تھے اور انہوں نے اس طرح نیلامی کے ذریعے سے ہزاروں پاؤنڈ بٹور لیے۔"
اس نے مسکرا کر "ہاں" کہا اور سر جھکا کر پرندوں کی کھال میں بھُس بھرنے لگا۔
٭٭٭
ماہنامہ ہمدرد نونہال، اکتوبر ١٩٩٠ء سے لیا گیا۔

قازوں کا سردار

جونکو واساسے

اس سال بھی قازوں کا سردار ژان سے تسو قازوں کا ایک جھنڈ لے کر اس دلدلی جگہ پر آیا۔ ژان سے تسو تو ایک قاز کا نام ہے، کیوں کہ اس کے دونوں سرمئی پروں پر ایک ایک سفید نشان ہوتا ہے، اس لیے شکاری اسے ژان سے تسو کہتے ہیں۔
ژان سے تسو کے معنی موسم بہار تک پہاڑ پر باقی رہ جانے والی برف ہے۔ ژان سے تسو وہاں پر جمع ہونے والی قازوں کا سردار ہے۔ وہ بہت چالاک ہوتا ہے۔ جب دوسری قازیں غذا کی تلاش میں مصروف ہوں تو وہ احتیاط سے پہرا دیتا ہے اور شکاریوں کو قازوں سے اتنی دور رکھتا کہ ان کی بندوق کی گولی قازوں تک نہ پہنچ سکے۔ بوڑھا دائزو ان دلدلی مقامات پر شکار کیا کرتا تھا، مگر جب سے ژان سے تسو نے یہاں آنا شروع کیا بوڑھا دائزو ایک بھی قاز نہ مار سکا، اس لیے وہ ژان سے تسو کو ناپسند کرتا تھا۔ جیسے ہی اس سال بوڑھے دائزو کو یہ معلوم ہوا کہ ژان سے تسو آ گیا ہے۔ اس نے قازیں پکڑنے کے لیے پہلے سے ایک خاص منصوبے پر عمل شروع کر دیا۔ وہ منصوبہ یہ تھا کہ جہاں قازیں کھانے کے لیے اترتی ہیں وہاں کھونٹے لگا کران سے کانٹے بندھی ہوئی ڈوریں باندھ دیں۔ پھر کانٹے میں گھونگے پھنسا دیے۔ بوڑھے دائزو نے رات بھر بہت سے کانٹے کھونٹے کی ڈوری کے ساتھ باندھے۔ اس نے محسوس کیا کہ اس بار میں کامیاب ہو جاؤں گا۔
اگلے دن دوپہر کے قریب بوڑھا دائزو خوش خوش دھڑکتے ہوئے دل کے ساتھ وہاں پہنچا، جہاں پچھلی رات اس نے کانٹے باندھے تھے۔ اس نے ایک پھڑپھڑاتی ہوئی چیز دیکھی۔ بوڑھا دائزو "واہ وا" کہتے ہوئے جھپٹ کر پہنچا۔
"بہت خوب! شاندار!"
بوڑھا دائزو بے اختیار بچے کی طرح چلّا اٹھا۔ وہ بہت خوش تھا۔ صرف ایک قاز ملی تھی، مگر قاز کو پا کر وہ بہت خوش ہوا۔
اس نے سوچا کہ قاز بہت زور سے پھڑپھڑائی ہوگی، کیوں کہ ارد گرد زیادہ پر بکھرے ہوئے تھے۔ قازوں کے جھنڈ نے اس جگہ کو خطرناک محسوس کیا اور اپنے دانہ کھانے کی جگہ بدل دی۔ اس لیے وہاں اطراف میں ایک بھی قاز نظر نہ آئی۔ مگر بوڑھے دائزو نے سوچا، "وہ آخر پرندے ہیں۔ ایک رات میں یہ بات بھول کر اگلی صبح پھر آ جائیں گے۔"
اس نے اگلے دن کے لیے اور زیادہ کانٹے باندھے۔
اگلے دن بوڑھا دائزو پھر اسی وقت پر گھر سے نکلا۔ خزاں کا خوبصورت دن تھا۔ جب وہ اس جگہ پر پہنچا تو پھڑپھڑاہٹ کی ایک زور دار آواز کے ساتھ قازوں کا جھنڈ اڑ گیا۔
"ارے! یہ کیا ہو گیا؟" بوڑھے دائزو نے یہ سوچتے ہوئے اپنی گردن جھکا لی۔
کھونٹے، ڈوری اور کانٹے والی جگہ پر قازوں کے پنجوں کے نشان یہ بتا رہے تھے کہ قازوں نے یہاں دانہ کھایا ہے۔ اس کے باوجود آج ایک بھی قاز کانٹے میں نہ پھنسی۔
"یہ کیسے ہوا؟"
غور سے دیکھا تو سارے کانٹوں کی ڈوریاں تنی ہوئی تھیں۔ قازوں نے پچھلے دن کی ناکامی سے سیکھا ہوگا اور گھونگے کو جھٹ سے نہیں نگلا ہوگا۔ پہلے چونچ کی نوک سے گھونگے کو کانٹے سے نکالا ہوگا اور جب یقین ہو گیا ہوگا کہ کوئی خطرہ نہیں تو پھر کھایا ہوگا۔ یہ بات یقینی تھی کہ یہ ترکیب بھی ژان سے تسو نے سکھائی ہوگی۔ بوڑھے دائزو کے منہ سے بے اختیار حیرت کے ساتھ "اف" کی آواز نکلی۔
عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ قازیں یا بطخیں دیگر پرندوں کی نسبت کم چالاک ہوتی ہیں، مگر ایسی بات نہیں ہے۔ بوڑھے دائزو نے محسوس کیا کہ ان کے چھوٹے سے سر میں بڑا ذہن ہوتا ہے۔
٭٭٭

اس کے اگلے سال بھی ژان سے تسو بڑے جھنڈ لے کر آیا۔ ہمیشہ کی طرح دلدلی زمینوں پر سب سے کھلی ہوئی جگہ کو دانہ کھانے کے لیے منتخب کیا۔ بوڑھا دائزو بڑی فکر مندی کے ساتھ گرمیوں کے موسم سے ہر روز تھوڑے تھوڑے گھونگے چنتا رہا تھا۔ اس کے پاس گھونگوں کی پانچ بوریاں ہو گئیں۔ پھر اس نے قازوں کی پسندیدہ جگہ پر ان کو بکھیر دیا۔
"اب دیکھیں کیا ہوتا ہے؟" یہ سوچتے ہوئے وہ رات کے وقت وہاں گیا تو اس کے خیال کے مطابق قازوں نے وہاں جمع ہو کر خوب دانہ کھایا تھا۔ دوسرے دن بھی اسی جگہ پر بہت سے گھونگوں کو بکھیر دیا۔ اگلے دن اور اس کے اگلے دن بھی یہی عمل دہرایا۔ قازوں کو دلدلی زمینوں میں یہ جگہ سب سے زیادہ پسند آئی، کیوں کہ چار پانچ دن انہوں نے وہاں خوب دانہ کھایا تھا۔ بوڑھا دائزو خوشی سے مسکرا دیا۔
اب اس نے رات کو اس جگہ کے نزدیک چھوٹی سی جھونپڑی بنائی اور اس میں چھپ گیا اور جھاڑیوں سے نکل کر اس جگہ آنے والی قازوں کا انتظار کرنے لگا۔
سورج تھوڑا سا ابھرا۔ جھونپڑی کے اندر ایک خوشگوار احساس کے ساتھ ہلکی ہلکی روشنی چھنتی ہوئی آئی۔ دلدلی زمینوں کی طرف آنے والی قازوں کا جھنڈ دور آسمان پر ایک سیاہ نقطے کی طرح نظر آ رہا تھا۔ سب سے پہلے آنے والا یقیناً ژان سے تسو ہو گا۔ جھنڈ اور نزدیک آ گیا۔
"اچھا! اچھا! مگر تھوڑا انتظار کرنا ہو گا۔ اس جھنڈ پر بندوق چلا کر اب میں انہیں سبق سکھاؤں گا۔" بندوق کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے بوڑھے دائزو کے جبڑے اکڑ گئے تھے، لیکن ژان سے تسو احتیاط سے زمین کو دیکھتے ہوئے جھنڈ لے کے پہنچا۔ اس نے دانہ کھانے کے لیے اپنے پرانے اڈّے پر اچانک ایک جھونپڑی بنی ہوئی دیکھی جو کل تک نہیں تھی۔ شاید ژان سے تسو نے یہ سوچا ہو گا کہ راتوں رات بدلی ہوئی اس جگہ کے قریب نہ جائے۔ جھنڈ نے یکایک اپنا رخ بدلہ اور اس کشادہ دلدلی جگہ کے مغربی سرے پر اتر گیا۔ وہ کچھ اور نزدیک آتے تو گولی ان تک پہنچ جاتی، مگر ایک بار پھر ژان سے تسو کی وجہ سے ایک بھی قاز نہیں مل سکی۔ بوڑھا دائزو کشادہ دلدلی زمین کی دوسری طرف گھورتے ہوئے منہ ہی منہ میں کچھ بڑبڑایا۔
٭٭٭

پھر اس دلدلی جگہ پر قازوں کی آنے کا موسم آ رہا تھا۔ بوڑھا دائزو ایک بڑے پیالے میں چھوٹی چھوٹی زندہ بام مچھلیاں بھر کر مرغی کے ڈربے کی طرف گیا۔ بوڑھے دائزو نے جیسے ہی ڈربے کا دروازہ کھولا ایک قاز پھڑپھڑاتی ہوئی اس کی طرف لپکتی ہوئی آئی۔
یہ قاز وہی تھی جسے دو سال پہلے بوڑھے دائزو نے کانٹے سے پکڑا تھا۔ اب وہ بوڑھے دائزو سے ہل گئی تھی۔ کبھی کبھی بوڑھا دائزو اسے گھمانے پھرانے کے لیے مرغی کے ڈربے سے باہر نکالتا تھا، مگر جب بوڑھا دائزو منہ سے سیٹی بجا کر اسے بلاتا تو وہ کہیں بھی ہوتی فوراً اس کے آس پاس آ جاتی اور اڑ کر اس کے کندھے پر بیٹھ جاتی۔
پیالے سے بام مچھلیاں کھاتی ہوئی قاز کو گھورتے ہوئے بوڑھے دائزو نے خود سے کہا، "اس سال اسے استعمال کروں گا۔"
بوڑھے دائزو کو برسوں کے تجربے سے یہ پتا چل گیا تھا کہ قازیں پہلے اڑنے والی قاز کے پیچھے اڑتی ہیں، اس لیے بوڑھا دائزو اس قاز کے ملنے کے بعد سے یہ سوچتا رہا تھا کہ میں ژان سے تسو کے ساتھ آنے والی قازوں کو پکڑنے کے لیے اسے دھوکے کی چڑیا کے طور پر استعمال کروں گا۔
پھر ایک دن بوڑھے دائزو نے سنا کہ ژان سے تسو کا جھنڈ آ گیا ہے تو وہ دلدلی زمینوں کی طرف گیا ہے۔
پچھلے سال جہاں بوڑھے دائزو نے جھونپڑی بنائی تھی وہاں سے بندوق کی مار سے تقریباً کافی فاصلے پر قازوں نے دانہ کھانے کا فیصلہ کیا۔ وہاں گرمیوں کے موسم کے سیلاب کی وجہ سے ایک بڑا تالاب بن گیا تھا اور قازوں کے لیے غذا کی بہت افراط تھی۔
بوڑھے دائزو نے سوچا، "اس بار مجھے کامیابی حاصل ہوگی۔" وہ صاف نیلے آسمان کو دیکھ کر مسکرا دیا۔
اس رات اپنی پالتو قاز کو اس جگہ پر چھوڑ کر وہ پچھلے سال بنائی ہوئی جھونپڑی میں چھپ گیا اور قازوں کا انتظار کرنے لگا۔
مشرقی افق پر سرخی پھیلی اور صبح نمودار ہوئی۔
ژان سے تسو ہمیشہ کی طرح جھنڈ کے سب سے آگے آگے خوبصورت صبح کے آسمان کی وسعتوں کو چیرتا ہوا پہنچا۔ ذرا سی دیر میں قازوں کا قافلہ زمین پر اترتا ہوا نظر آیا۔ قیں قیں کی پر شور آوازیں میدان میں پھیل گئیں۔ بوڑھے دائزو کا دل تیزی سے دھڑکنے لگا۔ تھوڑی دیر کے لیے اس نے اپنی آنکھیں بند کر کے دل کے پرسکون ہونے کا انتظار کیا اور ٹھنڈی ٹھنڈی بندوق کو مضبوطی سے پکڑ لیا۔ بوڑھے دائزو نے اپنی آنکھیں کھول لیں۔
"اب آج ہی میں ژان سے تسو کو حیرت اور گھبراہٹ کا شکار کروں گا۔"
بوڑھے دائزو نے آہستہ سے اپنے ہونٹوں پر دو تین بار زبان پھیری اور اپنی قاز کو بلانے کا انداز میں سیٹی بجانے کے لیے اپنے ہونٹ سکیڑے۔ اسی وقت ایک زوردار پھڑپھڑاہٹ کی آواز کے ساتھ قازوں کا پورا جھنڈ ایک ساتھ اڑ گیا۔
"ارے! کیا ہوا؟"
بوڑھا دائزو جھونپڑی سے باہر نکل آیا۔ قازوں کے جھنڈ کی طرف سفید بادل کے ٹکڑے جیسی کوئی چیز نیچے آتی ہوئی دکھائی دی۔ یہ ایک باز تھا۔ ژان سے تسو کے پیچھے قازوں کا جھنڈ پلک جھپکتے باز کی نظروں سے اوجھل ہو گیا۔
"اف! ایک قاز پیچھے رہ گئی۔" وہ بوڑھے دائزو کی قاز تھی۔
بہت دنوں تک آدمی کے پاس رہنے کی وجہ سے اس کے جنگلی اطوار بدل گئے تھے۔ وہ قاز باز کی نظروں سے نہ بچ سکی۔ بوڑھے دائزو نے منہ سے سیٹی بجائی۔ ایسی خطرناک حالت میں بھی قاز نے اپنے پالنے والے کی سیٹی کی آواز پہچان لی اور وہ اس کی طرف مڑی۔ باز نے اس کا راستہ روک لیا اور ایک پنجہ مارا۔ سفید پر سرخ شفق میں چمک کر بکھر گئے۔ قاز کا بدن ایک طرف جھک گیا۔ جیسے ہی باز نے دوسری بار جھپٹنے کی تیاری کی فوراً ہی ایک بڑا سایہ آسمان پر نمودار ہوا۔ یہ ژان سے تسو تھا۔
بوڑھے دائزو نے بندوق کو اپنے کندھے سے لگاتے ہوئے ژان سے تسو کا نشانہ لیا۔ پھر نہ جانے کیا سوچ کر بندوق نیچے کر لی۔
ژان سے تسو کے سامنے اب نہ تو آدمی تھا اور نہ باز۔ اس کے سامنے صرف ایک ساتھی تھا۔ جسے اس نے بچانا تھا۔ یکایک وہ دشمن کی طرف بڑھا اور اپنے بڑے بڑے پروں سے دشمن پر ضرب لگائی۔
اچانک حملے کی وجہ سے باز فضا میں گھبرا گیا، مگر وہ طاقتور تھا۔ فوراً بدن کو سنبھالتے ہوئے ژان سے تسو کے سینے پہ حملہ آور ہوا۔
پھڑ پھڑ!
بہت سے پر سفید پنکھڑیوں کی طرح شفاف آسمان پر بکھر گئے۔
ژان سے تسو اور باز دونوں ایک دوسرے سے بھڑے ہوئے دلدلی زمین پر آ گرے۔ بوڑھا دائزو ان کی طرف دوڑا۔
دونوں پرندے ابھی تک زمین پر زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے تھے، مگر باز نے جیسے ہی انسانی صورت دیکھی تو فوراً لڑائی چھوڑ کر ڈگمگاتا ہوا اڑ گیا۔
ژان سے تسو کا سینہ لہولہان تھا اور وہ نڈھال ہو چکا تھا، مگر ایک دوسرے دشمن کو نزدیک آتے ہوئے دیکھ کر اپنی بچی کھچی طاقت سمیٹ کر گردن اوپر اٹھائی اور بوڑھے دائزو کے مقابل ہو کر اسے گھورنے لگا۔ وہ صرف پرندہ تھا مگر اس نے ایک سردار کی جرات کا مظاہرہ کیا۔
بوڑھے دائزو نے اپنے ہاتھ ژان سے تسو کی طرف بڑھائے مگر ژان سے تسو اب ساکن ہو چکا تھا۔ بوڑھے دائزو نے محسوس کیا کہ ژان سے تسو یہ سمجھنے کے باوجود کہ اس کا آخری وقت آ گیا ہے اپنی سرداری کے وقار کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
بوڑھے دائزو کے دل پر اس کا اثر ہوا اور وہ یہ بھول گیا کہ وہ اس وقت ایک پرندے کے سامنے ہے۔
٭٭٭

ژان سے تسو نے بوڑھے دائزو کے پنجرے میں جاڑے کا ایک موسم گزارا۔ بہار کا موسم آتے آتے اس کے سینے کا زخم بھی ٹھیک ہو گیا اور بدن کی طاقت بھی بحال ہو گئی۔
یہ بہار کی ایک خوش گوار صبح کی بات ہے۔ بوڑھے دائزو نے پنجرے کا پٹ پورا کھول دیا۔ ژان سے تسو نے اپنی لمبی گردن جھکائی۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اپنے سامنے پھیلی ہوئی دنیا دیکھ کر وہ حیرت زدہ ہے، مگر پھڑ پھڑ کی خوش کن آواز ابھری۔ اس نے سیدھے آسمان کی طرف اڑان کی۔ آلو بخارے کا پورا کھلا ہوا پھول ژان سے تسو کے پر سے ٹکرا کر برف کی طرح ہولے ہولے بکھر گیا۔
"اے قازوں کے سورما! تمہارے جیسے اونچی اڑان والے پرندے بزدلانہ طریقے سے نہیں پکڑنے چاہئیں۔ ہاں! اگلے جاڑے میں بھی اپنے ساتھیوں کو لے کر دلدلی زمین پر آؤ! ہم پھر بہادرانہ جنگ لڑیں گے!"
پھولوں کے ایک درخت کے نیچے کھڑے ہوئے بوڑھے دائزو نے اونچی آواز میں قاز کو پکارا۔ ژان سے تسو کا رخ شمال کی جانب تھا۔ بوڑھا دائزو خوشی سے کھلے ہوئے چہرے سے اسے دیکھ رہا تھا۔ وہ بڑی دیر تک ٹکٹی باندھے اسی طرف دیکھتا رہا۔
٭٭٭
ماہنامہ ہمدرد نونہال، جولائی ١٩٩١ء سے لیا گیا۔

ملکہ اولگا کا انتقام

مولانا عبدالحلیم مرحوم

بہت دن گزرے ملک کیف پر ایک بادشاہ کی حکومت تھی۔ اس کا نام اغور تھا۔ وہ ہر وقت سیر و تفریح میں مصروف رہتا تھا۔ اسے ملک کے انتظام سے کوئی دلچسپی نہ تھی۔ لوگ اغور کو بہت ناپسند کرتے تھے۔ اس کی ملکہ اولگا بہت خوبصورت، عقلمند اور ہوشیار عورت تھی۔ اس نے ملک کا سب انتظام سنبھالا ہوا تھا۔ مظلوم لوگ ظلم و ستم کی فریاد لے کر ملکہ کے پاس پہنچتے۔ وہ
ان کی فریاد سنتی، ظالموں کو سخت سزا دیتی اور مظلوموں کو جو نقصان پہنچا تھا اسے خزانے سے پورا کر دیتی۔ وہ غریبوں اور حاجت مندوں کی امداد کرتی رہتی تھی۔ رعایا کے سب لوگ چاہے وہ امیر ہوں یا غریب، سبھی ملکہ کو بےحد چاہتے تھے۔
ایک دن بادشاہ اغور شکار کھیلتا ہوا اپنے ساتھیوں سے بچھڑ گیا اور بدقسمتی سے ایک ایسے علاقے میں جا نکلا جہاں ایک دشمن قبیلے ڈرالون کی حکومت تھی۔ یہ وحشی اور جنگجو قبیلہ تھا۔ ان کی گزر اوقات لوٹ مار اور غارت گری پر تھی۔ وہ قافلوں کو لوٹ لیتے یا آس پاس کی بستیوں میں لوٹ مار کر قتل اور غارت گری کرتے۔ ان کی دہشت دور دور تک بیٹھی ہوئی تھی۔ ڈرالون کے سردار نے بادشاہ اغور کو بہت تکلیفیں پہنچائیں۔ آخر اسے مار ڈالا اور لاش کو ایک صندوق میں بند کر کے ملکہ اولگا کے پاس بھیج دیا۔ جب ملکہ نے صندوق کھولا اور لاش کو دیکھا تو اسے بےحد صدمہ ہوا۔ ملکہ اولگا بہت ہمت اور حوصلے والی خاتون تھی۔ اس نے اپنے رنج و غم کو ظاہر نہ ہونے دیا۔ دربار میں موجود سب لوگوں کا یہی مطالبہ تھا کہ بادشاہ کے قتل کا انتقام لیا جائے اور ڈرالون قبیلے کو سخت سزا دی جائے۔
ملکہ نے بہت تحمل سے جواب دیا، "میرے معزز درباریو! میں بادشاہ کے قتل کا انتقام ضرور لوں گی لیکن میں چاہتی ہوں کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ یعنی میں ڈرالون والوں سے انتقام بھی لے لوں اور ہمارا کوئی نقصان بھی نہ ہو۔"
شاہ اغور کو قتل کرنے کے بعد ڈرالون کے سردار کا حوصلہ بہت بڑھ گیا تھا۔ اس نے سوچا اگر میں ملکہ اولگا سے شادی کر لوں تو اس طرح ملک کیف بھی ہمارے قبضے میں آ جائے گا۔ چنانچہ اس نے بیس آدمیوں کا ایک وفد ملکہ اولگا کی خدمت میں بھیجا اور ان کی معرفت شادی کا پیغام ملکہ کو پہنچایا۔ ملکہ اولگا، ڈرالون سردار کی اس جسارت پر بےحد ناراض ہوئی۔ وہ بہت ہوشیار اور عقلمند عورت تھی، اس لیے اس نے اپنے غیظ و غضب کو ظاہر نہ ہونے دیا۔ اس نے بہت خوشی کا اظہار کیا اور بولی، "تم لوگوں نے میرے دل کی بات کہہ دی، میں خود بھی تمہارے سردار سے شادی کرنے کی آرزو رکھتی تھی۔ اب تم اپنے ڈیرے واپس جاؤ۔ کل میں اپنے امیروں اور وزیروں کو تمہارے پاس بھیجوں گی تاکہ وہ تمہیں عزت و احترام سے اپنے ساتھ لائیں۔"
ملکہ اولگا نے وفد کے سربراہ کو بہت سے تحفے تحائف دے کر ڈرالون سردار کے پاس اسی وقت روانہ کر دیا اور کہلوایا کہ میں شادی کے لیے تیار ہوں۔
جب ڈرالون والے اپنے ڈیرے پر جا چکے تو ملکہ نے اپنے امیروں اور وزیروں سے کہا، "انتقام لینے کا وقت آگیا ہے۔ خبردار، میرے حکم کی تعمیل میں کوئی اعتراض نہ کرنا۔ میں جیسا کہوں ویسا ہی کرنا۔"
اگلے دن صبح سویرے وزیر اور امیر وفد کے استقبال کے لیے جا پہنچے۔ انہوں نے کہا، "آپ تشریف لے چلیے، ملکہ حضور نے آپ لوگوں کو یاد فرمایا ہے۔"
ڈرالون کے لوگ وحشی ہونے کے ساتھ ساتھ احمق بھی تھے۔ انہوں نے کہا، "ہم نہ گھوڑوں پر سوار ہو کر جائیں گے اور نہ کسی اور سواری پر بیٹھیں گے۔ ہم تمہارے کندھوں پر سوار ہو کر جائیں گے تاکہ لوگوں پر ہمارا رعب بیٹھ جائے اور وہ یہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ اب ہم ان کے حاکم ہوں گے۔"
یہ بےہودہ فرمائش سن کر کیف کے امیروں کو بےحد غصہ آیا۔ ایک وزیر نے کہا، "ہماری ملکہ کا حکم ہے کہ ہم آپ لوگوں کو عزت و احترام سے لے کر جائیں۔ اگر آپ لوگوں کی یہ مرضی ہے تو ہمیں آپ کی یہ شرط منظور ہے۔"
یہ کہہ کر انہوں نے ڈرالون والوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا اور محل کی طرف لے چلے۔ جب وہ محل کے نزدیک پہنچے تو ایک دربان انہیں محل کی پچھلی طرف لے گیا۔ وہاں ایک گہرا کنواں کھدا ہوا تھا۔
انہوں نے ڈرالون والوں کو یہاں اتار دیا۔ دربان نے کہا، "ملکہ کا حکم ہے کہ ان معزز مہمانوں کو زندہ دفن کر دیا جائے۔"
اب ڈرالون والے بہت گھبرائے اور انہوں نے ادھر ادھر بھاگنے کی کوشش کی لیکن ملکہ اولگا کے امیروں نے انہیں دھکیل کر کنویں میں گرا دیا۔
اس کام سے فارغ ہو کر ملکہ اولگا نے اپنے کچھ ہوشیار امیروں کو ڈرالون کے سردار کے پاس بھیجا۔ انہوں نے سردار کی خدمت میں بہت قیمتی تحفے پیش کیے اور کہا، "ہماری ملکہ کو آپ سے شادی کرنا منظور ہے۔ آپ نے جو لوگ بھیجے تھے وہ ملکہ نے اپنے پاس ٹھہرا لیے ہیں تاکہ وہ آپ کے آداب اور رسوم سے واقف ہو جائیں۔ ہماری ملکہ کی خواہش ہے کہ آپ اپنے اعلی شہہ سواروں، فوجی افسروں اور معزز لوگوں کو بھیجیں تاکہ وہ انہیں دھوم دھام سے یہاں لائیں۔"
ڈرالون کا سردار یہ خوش خبری سن کر پھولا نا سمایا۔ اس نے اپنے سب معزز سرداروں، فوجی افسروں، امیروں اور وزیروں کو ملکہ اولگا کے پاس بھیجا تاکہ وہ ملکہ کو شان و شوکت سے اپنے ساتھ لے کر آئیں۔ ملکہ اولگا نے ان لوگوں کی خوب خاطر و مدارت کی۔ اس نے کہا، "معزز مہمانو! آپ لوگ لمبے سفر سے تھک گئے ہوں گے، اس لیے پہلے غسل کرک ے اپنے کپڑے تبدیل کر لیجیے۔"
انہیں غسل کے لیے حمام بھیج دیا گیا۔ یہ گرم حمام یا غسل خانے خاص طرح کے ہوتے ہوتے تھے۔ ان کے فرش کے نیچے دھیمی دھیمی آنچ ہوتی تھی تاکہ غسل خانہ گرم رہے۔
جب یہ لوگ حمام میں داخل ہوئے تو اس کے دروازے بند کر دیے گئے اور فرش کے نیچے آگ تیز کر دی گئی۔ تھوڑی دیر میں حمام میں سخت گرمی ہو گئی۔ ڈرالون کے لوگ گرمی سے بے تاب ہو کر چیخنے چلانے لگے لیکن کسی نے دروازہ کھول کر نہیں دیا۔ آخر وہ سب لوگ حمام کے اندر دم گھٹ کر مر گئے۔
اب ملکہ اولگا نے سفر کی تیاری شروع کر دی۔ پہلے اس نے ایک قاصد ڈرالون سردار کے پاس بھیجا۔ اس نے اطلاع دی کہ ہماری ملکہ روانہ ہو چکی ہیں۔ وہ شہر کے باہر قیام کریں گی۔
پہلے وہ سب سرداروں، معزز لوگوں اور فوج کے سب سپاہیوں کی دعوت کریں گی۔ اس کے بعد وہ ان سب لوگوں کے ہمراہ محل میں داخل ہوں گی۔ شادی کی رسم محل کے اندر ادا کی جائے گی۔
ڈرالون سردار بہت خوش ہوا۔ جب اسے ملکہ کے آنے کی اطلاع ملی تو وہ کی ہزاروں بہادر سپاہیوں، سرداروں اور امیروں کے ساتھ ملکہ کے استقبال کے لیے نکلا۔ ملکہ اولگا نے بہت خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ سردار نے پوچھا، "میں نے جو فوجی افسر اور سردار آپ کے استقبال کے لیے بھیجے تھے وہ کہاں ہیں؟"
ملکہ اولگا نے کہا، "وہ پورے لشکر کے ساتھ پیچھے پیچھے آ رہے ہیں۔" یہ جواب سن کر ڈرالون کا سردار مطمئن ہو گیا۔
رات کے وقت ملکہ نے ڈرالون سردار اور اس کے ساتھیوں کی پر تکلف دعوت کی۔ طرح طرح کے کھانے دستر خوان پر چنے گئے۔ سب لوگوں نے خوب ڈٹ کر کھانا کھایا۔ اس کے بعد شراب کا دور چلا۔ شراب میں کوئی تیز نشہ اور دوا ملائی گئی تھی۔ اس لیے دو چار جام پی کر سب لوگ مدہوش ہو گئے۔ جب ملکہ کو یقین ہو گیا کہ اب انہیں کسی بات کا ہوش نہیں رہا ہے تو اس نے اپنے سپاہیوں کو اشارہ کر دیا۔ ڈرالون والوں کی یہ حالت تھی کہ وہ بھاگنا چاہتے تھے مگر نشے کی وجہ سے قدم لڑکھڑا رہے تھے۔ وہ اٹھ اٹھ کر گرتے اور گرنے کے بعد پھر اٹھنے کی کوشش کرتے۔ ملکہ اولگا کے سپاہیوں نے انہیں گاجر مولی کی طرح کاٹ کر پھینک دیا۔
ڈرالون سردار کسی نہ کسی طرح فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اس نے ملکہ کی چال بازی کی اطلاع دی۔ اسی وقت شہر کے سب دروازے بند کر دیے گئے۔ ہر طرف ایک افرا تفری مچ گئی۔ لوگ حیران و پریشان تھے۔ ان کی سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟
ملکہ نے ڈرالون والوں کی قوت بالکل توڑ دی تھی۔ اب ان میں مقابلے کی سکت بالکل نہ رہی تھی۔ وہ قلعہ بند کر کے بیٹھ گئے۔ ملکہ نے قلعے کا محاصرہ کر لیا۔ اس نے قلعہ فتح کرنے کے لیے کئی حملے کیے، لیکن وہ اپنی کوشش میں کامیاب نہ ہوسکی۔
آخر ملکہ نے چالاکی سے کام لیا۔ اس نے اپنے سفیر کے ذریعے پیغام بھیجا، "میں نے قسم کھائی تھی کہ میں یہ قلعہ فتح کیے بغیر واپس نہیں جاؤں گی۔ لیکن اگر تم صلح کرنا چاہو تو میں تمہارا قصور معاف کر دوں گی۔ میں تم سے معمولی جرمانہ وصول کروں گی جو تم آسانی سے ادا کر سکتے ہو۔"
ڈرالون سردار نے کہلوایا، "مجھے صلح کرنی منظور ہے۔ آپ جو جرمانہ طلب کریں گی میں ادا کروں گا۔"
ملکہ نے کہلوایا، "ہمارے ملک میں کبوتر اور چڑیاں نہیں ہوتے۔ میں چاہتی ہوں کہ ہر گھر سے دو چڑیاں اور دو کبوتر بھیجے جائیں۔ میں اس جرمانے کو وصول کر کے واپس چلی جاؤں گی۔"
ڈرالون سردار نے یہ پیغام سن کر کہا، "یہ کونسی مشکل بات ہے؟ ہم ایسی آسان شرط پر ملکہ سے صلح کرنے کو تیار ہیں۔"
دو تین دن کے اندر ہر گھر سے چڑیا اور کبوتر اکھٹے کر کے ملکہ کی خدمت میں روانہ کر دیے گئے۔
ملکہ نے حکم دیا جتنے کبوتر اور چڑیاں ہیں، اتنی ہی لوہے کی چھوٹی چھوٹی سلائیاں تیار کی جائیں۔ ان کے ایک سرے پر روئی کی گولی تیل میں ڈبو کر باندھ دی جائے۔ ان سلائیوں کا دوسرا سرا چڑیاؤں اور کبوتروں کی دموں سے باندھ دیا جائے۔
سپاہیوں نے ملکہ کے حکم کی تعمیل کی۔ شام کے وقت روئی کی گولیوں میں آگ لگا کر ان چڑیاؤں اور کبوتروں کو چھوڑ دیا گیا۔ پرندوں کے اڑنے سے آسمان پر ایک عجیب قسم کی آتش بازی کا تماشا نظر آیا۔ ڈرالون کے لوگ یہ تماشا دیکھنے کے لیے اپنے کوٹھوں پر چڑھ گئے۔ ہر طرف پھلجڑیاں سی چھوٹ رہی تھیں۔ لوگ اس تماشے کو دیکھ کر حیران ہو رہے تھے۔ ذرا دیر بعد یہ چڑیاں اور کبوتر اپنے اپنے گھونسلے میں جا پہنچے۔ وہ جہاں پہنچے اور جس گھر میں اترے، اس میں آگ لگ گئی۔ قلعے کے ہر کونے اور آبادی کے ہر گھر سے شعلے بلند ہو رہے تھے۔ ہر طرف آگ کا سمندر ٹھاٹھیں مار رہا تھا۔ بہت سے لوگ اس میں جل کر مر گئے۔ لوگوں نے گھبرا کے قلعے کا پھاٹک کھول دیا اور ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ لیکن یہاں ملکہ اولگا کے سپاہی ان کی گھات میں بیٹھے ہوئے تھے۔ وہ ان پر ٹوٹ پڑے۔ ہزاروں لوگوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ کر پھینک دیا اور ڈرالون کی پوری قوم کو تباہ و برباد کر دیا۔ اور ان کے قلعے اور آبادی کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر کے رکھ دیا۔
اس طرح ملکہ اولگا نے بادشاہ کے قتل کا انتقام لیا۔ اس پورے معرکے میں اس کا ایک بھی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔
٭٭٭
ماہنامہ ہمدرد نونہال، فروری ۱۹۹۱ء سے لیا گیا۔

٭٭٭ ٹائپنگ: انیس الرحمٰن تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

نونہال کہانیاں