دین و مذہب

وضو کے احکام

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (6,407 الفاظ)

وضو کے احکام

بمطابق شیعہ فقہ

س۔ میں نے نماز مغرب ادا کرنے کی نیت سے وضو کیا تو کیا میں اسی وضو سے قرآن کریم ( کے حروف ) کو چھو سکتا ہوں اور نماز عشاء پڑھ سکتا ہوں ؟

ج۔ صحیح وضو متحقق ہونے کے بعد جب تک وہ باطل نہیں ہوتا اس سے ہر وہ عمل انجام دیا جا سکتا ہے جس میں طہارت شرط ہے۔

س۔ ایک شخص اپنے سر پر مصنوعی بال لگاتا ہے اور اگر اسے ہٹا لے تو مشکل میں پڑ جائے گا تو کیا اس کے لئے مصنوعی بال پر مسح کرنا جائز ہے؟

ج۔ مصنوعی بالوں پر مسح کرنا جائز نہیں ہے بلکہ مسح کرتے وقت ( سر کی) کھال سے ان کا ہٹانا واجب ہے مگر یہ کہ ان کے ہٹانے میں اتنی مشقت پیش آئے جو عادتاً نا قبل برداشت ہو۔

س۔ زید ( نام کے ایک شخص ) کا کہنا ہے کہ: چہرے پر صرف دو چلو پانی ڈالنا چاہئیے اور تیسرا چلو پانی ڈالنے سے وضو باطل ہو جاتا ہے ، آیا یہ صحیح ہے؟

ج۔ چہرے پر دو چلو یا اس سے بھی زیادہ پانی ڈالنے میں کوئی حرج نہیں ہے، لیکن چہرے اور ہاتھوں کو دو مرتبہ سے زیادہ دھونا ( یعنی ان پر ہاتھ پھیرنا ) جائز نہیں ہے۔

س۔ جو چکنائی طبیعی طور سے جسم کے بالوں یا کھال سے نکلتی ہے، کیا اسے وضو کے لئے حاجب اور مانع شمار کیا جائے گا؟

ج۔ حاجب شمار نہیں ہو گی مگر یہ کہ وہ اتنی مقدار میں ہو کہ مکلف خود اسے بال یا کھال تک پانی کے پہونچنے میں حائل سمجھے۔

س۔ ایک مدت تک میں نے پاؤں کا مسح ، انگلیوں کے سرے سے نہیں کیا بلکہ انگلیوں کے پچھلے حصے سے پاؤں کی ابھری ہوئی جگہ تک مسح کیا ہے، آیا ایسا مسح صحیح ہے؟ اور اگر اس میں اشکال ہے تو کیا میں جن نمازوں کو پڑھ چکا ہوں ان کی قضا واجب ہے؟

ج۔ اگر مسح پاؤں کی انگلیوں کے سرے سے نہ ہوا ہو تو وضو باطل ہے اور نماز کی قضا واجب ہے اور اگر شک ہو کہ پاؤں کا مسح انگلیوں کے سرے سے ہوا ہے یا نہیں ، تو وضو اور نماز صحیح ہیں۔

س۔ کعب کیا ہے، جہاں تک پاؤں کا مسح ختم کیا جاتا ہے؟

ج۔ مشہور یہی ہے کہ پاؤں کی ابھری ہوئی جگہ سے پنڈلی کے جوڑ یعنی ٹخنے تک ہے، جسے پاؤں کے قبہ یا ابھار سے تعبیر کیا گیا ہے۔ لیکن اس احتیاط کو ترک نہیں کرنا چاہئیے کہ مسح ٹخنے تک ہے۔

س۔ اسلامی ممالک میں حکومت کی طرف سے بنائی گئی مسجدوں ، عدالتی مراکز اور سرکاری دفاتر میں وضو کرنے کا کیا حکم ہے؟

ج۔ کوئی حرج نہیں ہے اور نہ ہی اس میں کوئی شرعی ممانعت ہے۔

س۔ ( اعضائے وضو میں سے کسی حصہ کو ) ایک مرتبہ دھونے کے لئے کیا چند چلو پانی ڈالنا ممنوع ہے؟ اور اگر چند چلو پانی کے ذریعہ ایک مرتبہ دھونے کی نیت ہو لیکن ایک سے زیادہ مرتبہ دھل جائے تو اس کا کیا حکم ہے؟

ج۔ اس کا دار و مدار قصد اور ایک مرتبہ دھونے پر ہے اور کئی مرتبہ یا کئی چلو پانی ڈالنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

س۔ اگر ایک شخص کی زمین میں چشمہ پھوٹے اور ہم پائپ کے ذریعہ پانی کئی کلومیٹر دور لے جانا چاہیں تو اس کا لازمی نتیجہ ہے کہ پائپ کو اس شخص کی زمین اور دوسرے اشخاص کی زمینوں سے گزاریں ، پس اگر وہ افراد راضی نہ ہوں تو کیا اس چشمے کے پانی کو وضو ، غسل اور دوسری چیزوں کی طہارت کے لئے استعمال کرنا جائز ہے؟

ج۔ اگر چشمہ خود سے پھوٹے اور قبل اس کے کہ زمین پر جاری ہو، اس کا پانی پائپ میں ڈال دیا جائے اور اس زمین ، نیز دوسری زمینوں کو اس پائپ لائن کے گزرنے کے لئے استعمال کیا جائے، تو اس پانی سے استفادہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، بشرطیکہ عرف عام میں پانی کے استفادہ کو اس زمین اور دوسری زمینوں میں تصرف نہ سمجھا جائے۔

س۔ہمارے محلہ میں پانی کا دباؤ بہت کم ہے جس کی وجہ سے مکانوں کے اوپر کی منزلوں میں پانی یا تو بہت ہی کم پہنچتا ہے یا پہنچ ہی نہیں پاتا اور نیچے کی منزلوں میں بھی پانی کی رفتار بہت کم رہتی ہے۔ بعض پڑوسیوں نے واٹر پمپ لگا رکھے ہیں جن کے چلنے سے اوپر کی منزلوں میں پانی نہیں پہنچتا اور نیچے کی منزلوں میں اگرچہ پانی منقطع نہیں ہوتا لیکن اس کی رفتار اتنی کم ہو جاتی ہے جس سے استفادہ ممکن نہیں ہوتا اور اکثر وضو و غسل کے وقت مشکل اتنی بڑھ جاتی ہے کہ نل کے پانی سے استفادہ ہی ممکن نہیں ہو پاتا۔ اور جب وہ واٹر پمپ کام نہیں کرتے تو سب لوگ نماز اور دوسرے امور کے لئے وضو ، غسل کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف محکمہ ٴ آب ، لوگوں کو واٹر پمپ لگانے سے روکتا ہے اور اگر اسے کسی گھر میں اس کی موجودگی کا علم ہو جائے تو اس کے مالک کو وارننگ دیتا ہے۔ پھر اگر گھر کا مالک واٹر پمپ خود سے نہ ہٹائے تو محکمہ ٴ آب والے اسے اٹھا لے جاتے ہیں اور جرمانہ بھی کرتے ہیں۔ مذکورہ توضیح کی روشنی میں دو سوال دریافت طلب ہیں:

۔ کیا ایسے واٹر پمپ لگانا شرعا ً جائز ہے؟ اور کیا ہمارے لئے بھی اس کا لگانا جائز ہے؟

۔ جائز نہ ہونے کی صورت میں واٹر پمپ چلتے وقت وضو ، اور غسل کا کیا حکم ہے؟

ج۔ مذکورہ سوال کی روشنی میں واٹر پمپ کا نصب کرنا اور اس سے استفادہ کرنا جائز نہیں ہے اور اس صورت میں وضوء اور غسل میں بھی اشکال ہے۔

س۔ نماز کا وقت داخل ہونے سے پھلے وضو کرنے کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟اور آپ نے کسی کے استفتاء ( کے جواب) میں فرمایا ہے کہ اگر نماز کے اول وقت سے کچھ دیر پھلے وضو کیا جائے تو اس وضو سے نماز صحیح ہے پس نماز کے اول وقت سے قریبی وقت کی مقدار آپ کے نزدیک کیا ہے ؟

ج۔ وقت نماز داخل ہونے کے قریبی وقت کی تشخیص معیار عرف ہے، پس اگر اس وقت نماز کے لئے وضو کیا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔ کیا وضو کرنے والے کے لئے یہ مستحب ہے کہ وہ پیر کا مسح انگلیوں کے بالکل نچلے حصے یعنی اس جگہ سے کرے جو چلتے وقت زمین سے مس ہوتی ہے؟

ج۔ مسح کی جگہ پیر کے اوپری حصہ یعنی انگلیوں کے سرے سے ٹخنوں تک ہے اور انگلیوں کے نچلے حصے کے مسح کا مستحب ہونا ثابت نہیں ہے۔

س۔ وضو کرنے والا اگر وضو کرنے کے قصد سے ہاتھوں اور چہرے کو دھوتے وقت نل کو کھولے اور بند کرے تو نل کے اس چھونے کا کیا حکم ہے؟

ج۔ کوئی حرج نہیں ہے اور اس سے وضو کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا، لیکن بایاں ہاتھ دھونے کے بعد اور مسح کرنے سے پھلے اگر پانی کے گیلے نل پر ہاتھ رکھے اور بالفرض اگر اس کی ہتھیلی کا وضوء والا پانی دوسرے پانی سے مخلوط ہو جائے تو وضو کے صحیح ہونے میں اشکال ہے۔

س۔ بعض عورتیں یہ دعویٰ کرتی ہیں کہ ناخن پر پالش کا ہونا وضوء میں رکاوٹ نہیں بنتا ، اور یہ کہ باریک موزے پر مسح کرنا جائز ہے، آپ کیا فرماتے ہیں ؟

ج۔ اگر وہ پالش ، ناخن تک پانی کے پہونچنے میں رکاوٹ بنتی ہو تو وضو باطل ہے اور موزے پر مسح کرنا، خواہ وہ کتنا ہی باریک ہو ، صحیح نہیں ہے۔

س۔ جن جنگی زخمیوں کو قطع نخاع ( یعنی ریڑھ کی ہڈی میں حرام مغز کٹ جانے) کی وجہ سے پیشاب ٹپکنے کی شکایت پیدا ہو گئی ہے ، کیا یہ جائز ہے کہ وہ جمعہ کا خطبہ اور نماز جمعہ و عصر میں وضو مسلوس کریں ؟

ج۔ ان پر وضوء کے بعد بلا تاخیر نماز کا شروع کر دینا اور نماز عصر کے لئے نیا وضو کرنا واجب ہے۔ لیکن اگر پھلے وضوء کے بعد حدث صادر نہ ہوا ہو تو اس صورت میں دونوں نمازوں کے لئے ایک ہی وضو کافی ہو گا، اسی طرح خطبہ ٴ جمعہ سے پھلے کا وضو نماز جمعہ کے لئے کافی ہو گا اگر وضو کے بعد ان سے کوئی حدث صادر نہ ہوا ہو۔

س۔ کیا ایسے جنگی زخمیوں کے لئے ، جسے ریڑھ کی ہڈی بیکار ہو جانے کی وجہ سے پیشاب ٹپکنے کی شکایت ہو گئی ہو، جائز ہے کہ وہ وضوء کے بعد نماز جماعت میں شرکت کے لئے تاخیر کرے؟

ج۔ اگر وضو کے بعد اس کا پیشاب قطرہ قطرہ ٹپکتا ہو تو اس پر واجب ہے کہ وضو اور نماز کے درمیان فاصلہ نہ کرے۔

س۔ جو شخص وضو پر قادر نہ ہو وہ کسی دوسرے کو وضو کے لئے نائب بنائے اور خود وضو کی نیت کرے اور اپنے ہاتھ سے مسح کرے اور اگر مسح کرنے پر قادر نہ ہو تو نائب اس کے ہاتھ سے اسے مسح کرائے اور اگر اس سے بھی عاجز ہو تو نائب اس کے ہاتھ کی تری لے کر اسے مسح کرائے گا لیکن اگر نائب بنانے والے کے ہاتھ بھی نہ ہوں تو اس کا کیا حکم ہے؟

ج۔ اگر اس کی ہتھیلیاں نہ ہوں تو بقیہ ہاتھ سے تری لے کر مسح کرایا جائے گا اور اگر بقیہ ہاتھ بھی نہ ہو تو چہرے سے تری لے کر اس کے سر اور پیر کا مسح کرایا جائے گا۔

س۔ ہم جب وضو کرنا چاہیں تو کیا یہ ضروری ہے کہ برتن ٹونٹی والا ہو جیسے کیتلی وغیرہ ؟ اور اگر اس ظرف میں ٹونٹی نہ ہو تو کیا اس سے وضو باطل ہے؟

ج۔ جس ظرف میں وضو کا پانی ہو اس میں ٹونٹی ہونا ضروری نہیں ہے اور برتن سے پانی لے کر وضو کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ، خواہ اس سے ہاتھ پر پانی انڈیلا جائے یا اس میں ہاتھ ڈال کر چلو میں پانی لیا جائے۔

س۔ جس جگہ نماز جمعہ ہوتی ہے اس کے قریب وضو کرنے کی جگہ ہے جو جامع مسجد سے متعلق ہے اوراس کے پانی کی جو قیمت دی جاتی ہے مسجد کے بجٹ سے نہیں دی جاتی ہے تو کیا نماز جمعہ پڑھنے والوں کے لئے اس سے استفادہ کرنا جائز ہے؟

ج۔ جب نمازیوں کے وضو کے لئے پانی کا انتظام بغیر کسی قید کے کیا گیا ہو تو اس کو استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔ ظھرین کی نماز سے پھلے کیا جانے والا وضو کیا مغرب و عشا کے لئے بھی کافی ہے یا ہر نماز کے لئے الگ الگ وضو کرنا واجب ہے؟ جبکہ ہم جانتے ہیں کہ اس دوران وضو باطل کرنے والا کوئی فعل صادر نہیں ہوا ہے؟

ج۔ ہر نماز کے لئے ( جدا) وضو کرنا واجب نہیں ہے بلکہ ایک وضو سے جب تک وہ باطل نہیں ہوتا جتنی نمازیں چاہے پڑھ سکتا ہے۔

س۔ وقت نماز سے پہلے کیا واجبی نماز کے لئے وضو کرنا جائز ہے؟

ج۔ جب وقت داخل ہونے والا ہو تو نماز کے لئے وضو کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔ میرے دونوں پیر مفلوج ہو گئے ہیں اور میں طبی جوتے اور بے ساکھی کے سہارے چلتا ہوں اور وضو کرتے وقت ان جوتوں کا اتارنا میرے لئے ممکن نہیں ہے ، لہذا آپ بتائیں کہ پیروں کا مسح کرنے کے سلسلے میں میری شرعی ذمہ داری کیا ہے؟

ج۔ اگر پیروں کے مسح کے لئے جوتے اتارنا آپ کے لئے مشقت کا سبب ہو تو ان ہی پر مسح کرنا کافی اور صحیح ہو گا۔

س۔ ہم ایک جگہ پہونچے وہاں ہم نے چند فرسخ تک پانی تلاش کیا تو ہمیں گندہ اور خراب پانی ملا، اس صورت میں کیا تیمم واجب ہے ؟ یا اسی پانی سے وضو کرنا چاہئیے ؟

ج۔ اگر پانی پاک ہو اور اس کے استعمال کرنے میں کوئی ضرر نہ ہو تو اسی سے وضو کرنا واجب ہے اس کے ہوتے ہوئے تیمم کی نوبت نہیں آئے گی۔

س۔ وضو کیا بذات خود مستحب ہے اور کیا نماز کا وقت داخل ہونے سے پھلے قربت کی نیت سے وضو کرنا اور پھر اسی وضو سے نماز پڑھنا صحیح ہے؟

ج۔ شرعی نقطہ نظر سے طہارت کے لئے وضو کرنا مستحب ہے اور مستحبی وضوء سے نماز پڑھنا جائز ہے۔

س۔ جو شخص اپنے وضو کے بارے میں ہمیشہ شک کا شکار ہو وہ کیسے مسجد میں داخل ہوسکتا ہے ، نماز پڑھ سکتا ہے، قرآن مجید کی تلاوت کرسکتا ہے اور آئمہ معصومین(ع) کے مراقد کی زیارت کرسکتا ہے؟

ج۔ وضو کے بعد طہارت میں شک کا کوئی اعتبار نہیں ہے چنانچہ جب تک اسے وضو کے ٹوٹنے کا یقین نہ ہو اس کے لئے نماز پڑھنا اور قرآن کی تلاوت کرنا جائز ہے۔

س۔ کیا وضو کے صحیح ہونے میں ہاتھ کے ہر حصے پر پانی کا جاری ہونا شرط ہے یا صرف تر ہاتھ اس پر پھیر لینا کافی ہے؟

ج۔ دھونے کا معیار یہ ہے کہ پورے عضو تک پانی پہنچایا جائے ، چاہے پانی ہاتھ کے پھیرنے ہی سے پورے عضو تک پہنچے۔ لیکن صرف گیلے ہاتھ کا پھیرنا کافی نہیں ہے۔

س۔ کیا وضو میں بائیں ہاتھ کی تری سے سر کا مسح کرنا اسی طرح جائز ہے جیسا کہ دائیں ہاتھ سے جائز ہے؟ اور کیا سر کا مسح نیچے سے اوپر کی طرف کیا جا سکتا ہے؟

ج۔ بائیں ہاتھ سے سر کا مسح کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے اگرچہ احتیاط یہ ہے کہ دائیں ہاتھ سے مسح کیا جائے، اسی طرح احتیاط یہ ہے کہ سر کا مسح اوپر سے نیچے کی طرف یعنی مانگ سے پیشانی کی طرف کرے اگرچہ اس کے برعکس بھی کرسکتا ہے۔

س۔ کیا سر کے مسح میں ہاتھوں کی تری کا بالوں تک پہونچنا کافی ہے یا اس تری کا سر کی کھال تک پہونچنا واجب ہے؟ اور اگر کوئی شخص مصنوعی بال لگاتا ہے تو وہ اپنے سر پر کیسے مسح کرے گا؟

ج۔ کھال کا مسح واجب نہیں ہے اور اگر مصنوعی بالوں کا جدا کرنا ممکن نہ ہو تو ان ہی پر مسح کرنا کافی ہو گا۔

س۔ اعضاء وضو یا غسل کو وقفہ وقفہ کے ساتھ دھونے کا کیا حکم ہے؟

ج۔ غسل میں موالات کی پرواہ نہ کرنے اور فاصلہ پیدا کر دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ لیکن اگر وضو میں تاخیر کی وجہ سے پھلے دھوئے ہوئے اعضاء خشک ہو جائیں تو وضو باطل ہے۔

س۔ وضو اور نماز میں اس شخص کا کیا فرض ہے جس کی ریاح کم مقدار میں سہی لیکن دائمی طور پر خارج ہوتی رہتی ہے؟

ج۔ اگر اتنا بھی موقع نہ ملتا ہو کہ وہ نماز تمام ہونے تک وضو برقرار رکھ سکے اور درمیان نماز تجدید وضوء کرنے میں اسے دشواری ہو تو ایک وضوء سے ایک نماز اد ا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، یعنی ہر نماز کے لئے ایک ہی وضوء کافی ہے خواہ نماز کے دوران اس کا وضوء باطل ہو جائے۔

س۔ کچھ لوگ ایک بلڈنگ میں رہتے ہیں اور اپنے فلیٹوں کے مصارف نیز دوسری سہولتوں جیسے ٹھنڈے اور گرم پانی ، نگہبانی اور اے سی (کولر) وغیرہ کا معاوضہ ادا نہیں کرتے اور اسے اپنے پڑوسیوں کی گردن پر ڈال دیتے ہیں جبکہ پڑوسی اس پر راضی نہیں ہیں تو کیا ان لوگوں کی نماز و روزے اور دوسرے عبادی اعمال باطل ہیں ؟

ج۔ ان میں سے ہر ایک شخص ان پیسوں کا شرعاً مدیون ہے، جنہیں ان مشترکہ امکانات و وسائل سے استفادہ کے عوض ادا کرنا واجب ہے اور اگر پانی کا معاوضہ نہ دینے کے ارادے سے اسے وضوء اور غسل کے لئے استعمال کیا جائے تو ان دونوں کی صحت میں اشکال ہے بلکہ وضو اور غسل دونوں باطل ہیں۔

س۔ ایک شخص نے غسل جنابت کیا اور تین چار گھنٹے کے بعد نماز کا قصد کیا وہ نہیں جانتا کہ اس کا غسل باطل ہو گیا یا نہیں ، پس اگر وہ احتیاطاً وضو کرے تو اس میں کوئی اشکال ہے یا نہیں ؟

ج۔ مذکورہ فرض میں وضو واجب نہیں ہے لیکن احتیاط میں کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔ کیا نابالغ بچہ حدث اصغر صادر ہونے سے محدث ہوتا ہے اور کیا وہ قرآن کے حروف کو چھو سکتا ہے؟

ج۔ جی ہاں نابالغ بچہ وضو کو توڑ دینے والی چیزوں کے عارض ہونے سے محدث ہوتا ہے لیکن مکلف پر واجب نہیں ہے کہ وہ بچہ کو قرآن کے حروف کو مس کرنے سے روکے۔

س۔ اگر اعضاء وضو میں سے کوئی عضو دھوئے جانے کے بعد اور وضو مکمل ہونے سے پھلے نجس ہو جائے تو اس کا کیا حکم ہے؟

ج۔ اس سے وضو کی صحت پر اثر نہیں پڑے گا، ہاں نماز کے لئے خبث ( نجاست) سے اس عضو کا پاک کرنا واجب ہے۔

س۔ اگر مسح کے وقت پاؤں پر پانی کے چند قطرے موجود ہوں تو کیا اس میں کوئی حرج ہے؟

ج۔ مسح کرنے کی جگہ سے قطرات کو خشک کرنا واجب ہے تاکہ مسح کرنے والی چیز یعنی ہاتھ، مسح کی جانے والی چیز یعنی پاؤں پر اثر ڈال سکے،ا س کے برعکس نہ ہو۔

س۔ اگر دایاں ہاتھ شانے سے کٹ گیا ہو تو کیا دائیں پیر کا مسح ساقط ہو جائے گا؟

ج۔ مسح ساقط نہیں ہو گا بلکہ اس پر بائیں ہاتھ سے مسح کرنا واجب ہو گا۔

س۔ جو شخص اپنے وضو کے باطل ہونے سے لاعلم تھا اور وضو سے فارغ ہونے کے بعد اسے اس کا علم ہوا تو اس کا کیا حکم ہے؟

ج۔ اس پر دوبارہ وضو کرنا واجب ہے اسی طرح ان اعمال کا اعادہ بھی واجب ہے جن میں طہارت شرط ہے جیسے نماز۔

س۔ اگر انسان کے اعضاء وضو میں سے کسی عضو میں ایسا زخم ہو جس سے جبیرہ یعنی پٹی باندھے جانے کے باوجود ھمیشہ خون بھتا رہتا ہو تو وہ کس طرح وضو کرے گا؟

ج۔ اس پر واجب ہے کہ زخم پر جبیرہ کے طور پر ایسی چیز باندھے جس سے خون باہر نہ نکلنے پائے جیسے نائیلون۔

س۔ ارتماسی وضو میں ہاتھ اور چھرہ کا کئی بار پانی میں ڈبونا جائز ہے یا صرف دو مرتبہ جائز ہے؟

ج۔ چھرہ اور ہاتھ کو صرف دو مرتبہ پانی میں ڈبونا جائز ہے۔ پھلی مرتبہ واجب کی نیت سے اور دوسری مرتبہ مستحب کی نیت سے ، ہاں ہاتھوں کے دھونے میں واجب ہے کہ انہیں پانی سے باہر نکالتے وقت دھونے کا قصد کرے تاکہ مسح وضو کے پانی سے کرسکے۔

س۔ کیا وضو کے بعد اس کی تری کا خشک کرنا مکروہ ہے اور اس کے برخلاف کیا خشک نہ کرنا مستحب ہے؟

ج۔ اگر اس کام کے لئے مخصوص تولیہ یا کپڑا رکھے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔ جس مصنوعی رنگ سے عورتیں اپنے سر اور بھوؤں کے بالوں کو رنگتی ہیں ، وہ وضو اور غسل میں مانع ہے یا نہیں ؟

ج۔ اگر اس میں کوئی ایسی چیز نہ ہو جو بالوں تک پانی کے پہونچنے میں رکاوٹ بنے بلکہ صرف رنگ ہو تو وضو اور غسل صحیح ہیں۔

س۔ کیا روشنائی ان موانع میں سے ہے جو اگر ہاتھ پر لگی ہو تو وضو باطل ہے؟

ج۔ اگر اس کی وجہ سے کھال تک پانی نہ پہونچ سکے تو وضو باطل ہے اور موضوع کی تشخیص خود مکلف کے ذمہ ہے۔

س۔ اگر سر کا مسح کرتے وقت ہاتھ اور چھرہ کی رطوبت مل جائے تو کیا وضو باطل ہے؟

ج۔ اس میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن چونکہ احتیاط یہ ہے کہ دونوں پیروں کے مسح کے لئے آب وضو کی وھی تری رہنی چاہئیے جو ہتھیلیوں میں باقی رہ گئی ہو لہذا اس احتیاط کی رعایت کے لئے ضروری ہے کہ سر کا مسح کرتے وقت ہاتھ کو پیشانی کے اوپری حصہ سے متصل نہ کرے تاکہ ہاتھ کی وہ تری جس سے پیر کا مسح کرنا ہے، چہرے کی تری سے نہ مل جائے۔

س۔ جو شخص وضو میں عام لوگوں سے زیادہ وقت صرف کرتا ہو اسے کیا کرنا چاہئیے جس سے اسے اعضاء کے دھوئے جانے کا یقین ہو جائے؟

ج۔ وسوسہ سے اجتناب واجب ہے اور شیطان کو مایوس کرنے کے لئے وسواس کی پرواہ نہیں کرنا چاہئیے اور تمام لوگوں کی طرح صرف اسی قدر بجا لانے کی کوشش کرنا چاہئیے جتنا وضو شرعاً واجب ہے۔

س۔ میرے بدن کے بعض اجزاء پر نقش ( وشم ) ہیں کہتے ہیں کہ میرا غسل ، وضو اور نماز باطل ہیں۔ امید ہے اس سلسلے میں میری راہنمائی فرمائیں گے؟

ج۔ اگر یہ نقش صرف رنگ کی حد تک ہے اور کھال کے اوپر کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو کھال تک پانی کو پہونچنے نہ دے تو وضو اور غسل صحیح ہیں اور نماز میں کوئی اشکال نہیں ہے۔

س۔ اگر پیشاب کرنے نیز استبراء اور وضوء سے فارغ ہونے کے بعد ایسی رطوبت خارج ہو جس کے منی یا پیشاب ہونے کا شبہ ہو تو اس کا کیا حکم ہے؟

ج۔ مفروضہ سوال کی روشنی میں اس پر وضو اور غسل دونوں واجب ہیں تاکہ طہارت کا یقین حاصل ہو جائے۔

س۔ برائے مہربانی مردوں اور عورتوں کے وضو کا فرق بیان فرمائیے؟

ج۔ افعال و کیفیت کے اعتبار سے مرد و عورت کے وضو میں کوئی فرق نہیں ہے لیکن مستحب ہے کہ مرد ہاتھوں کو ان کے ظاہر یعنی پشت کی طرف سے دھونے کی ابتدا کرے اور عورت باطن یا اندرونی طرف سے دھوئے۔

س۔میں نے نماز مغرب ادا کرنے کی نیت سے وضو کیا ہے تو کیا میں اسی وضو سے قرآن کریم (کے حروف) کو چھوسکتاہوں اور نماز عشاء پڑھ سکتاہوں ؟

ج۔صحیح وضو کر لینے کے بعد جب تک وہ باطل نہیں ہو جاتا اس سے ہر وہ عمل انجام دے سکتا ہے جس میں طہارت شرط ہے۔

س۔ جس شخص نے اپنے سر کے اگلے حصے پر مصنوعی بال لگا رکھے ہیں اور ان کا نہ لگانا اس کے لئے مشکل کا باعث ہے تو کیا اس کے لئے مصنوعی بالوں پر مسح جائز ہے ؟

ج۔اگر مصنوعی بالوں کو اس نے ٹوپی کی طرح سر پر پہن رکھا ہے تو مسح کے لئے ان کا اتارنا ضروری ہے لیکن اگر اس کے سر پر یوں چسپاں ہوں کہ ان کے اتارنے میں اتنی مشقت ہے جو عام طور پر قابل برداشت نہیں ہے تو پھر انہیں پر مسح کر لینا کافی ہے۔

س۔ ایک شخص نے مجھ سے کہا ہے کہ وضو کے دوران چہرے پر صرف دو چلو پانی ڈالا جائے اور تیسرا چلو پانی ڈالنے سے وضو باطل ہو جاتا ہے ، کیا یہ صحیح ہے؟

ج۔وضو میں اعضاء کا پہلی مرتبہ دھونا واجب، دوسری مرتبہ جائز اور تیسری مرتبہ جائز نہیں ہے لیکن ہر مرتبہ کی تعیین کا معیار خود انسان کا ارادہ اور قصد ہے پس اگر پہلی مرتبہ کے قصد سے چند دفعہ پانی ڈالے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔کیا ارتماسی وضو میں چہرے اور ہاتھوں کو صرف دو مرتبہ پانی میں ڈبونا جائز ہے یا اس سے زیادہ بھی ڈبویا جا سکتا ہے؟

ج۔ صرف دو مرتبہ ڈبویا جا سکتا ہے پہلی مرتبہ ڈبونا واجب ہے اور دوسری مرتبہ جائز ہے اور اس سے زیادہ جائز نہیں ہے لیکن ارتماسی وضو میں ہاتھوں کے وضو کے لئے دھونے کی نیت اس وقت کرے جب انہیں پانی سے نکال رہا ہو تا کہ مسح آبِ وضو کے ساتھ انجام دے سکے۔

س۔جو چکنائی طبیعی طور پربالوں یا جلد کے اوپر نکل آتی ہے کیا وہ وضو سے مانع ہے ؟

ج۔مانع نہیں ہے مگر جب اس قدر زیادہ ہو کہ بالوں یا جلد تک پانی کے پہنچنے سے مانع ہو۔

س۔کچھ عرصہ تک میں نے پاؤں کا مسح، انگلیوں کے سرے سے نہیں کیا ، بلکہ انگلیوں کے کچھ حصے اور پاؤں کے اوپر والے حصے پر مسح کرتا رہا ہوں ، کیا ایسا مسح صحیح ہے ؟ اور اگر صحیح نہیں ہے تو جو نمازیں پڑھ چکا ہوں ، کیا ان کی قضا واجب ہے یا نہیں ؟

ج۔ اگر مسح پاؤں کی انگلیوں کے سرے سے نہ ہوا ہو تو وضو باطل ہے اور نمازوں کی قضا واجب ہے لیکن اگر شک ہو کہ پاؤں کا مسح ، انگلیوں کے سرے سے کیا کرتا تھا یا نہیں ، تو وضو اور نمازیں صحیح ہیں۔

س۔پاؤں کے اوپر اس ابھری ہوئی جگہ سے کیا مراد ہے کہ جہاں تک پاؤں کا مسح کرنا ضروری ہے؟

ج۔ پاؤں کا مسح ٹخنوں تک کرنا ضروری ہے۔

س۔اگرکسی شخص کی زمین میں چشمہ پھوٹے اور ہم پائپ کے ذریعہ اس کا پانی کئی کلومیٹر دور لے جانا چاہیں تو اس کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ پائپ کو اس شخص کی زمین اور دوسرے اشخاص کی زمینوں سے گزارنا پڑے گا ، پس اگر وہ افراد راضی نہ ہوں تو کیا اس چشمے کے پانی کو وضو ، غسل اور دیگر چیزوں کی طہارت کے لئے استعمال کرنا جائز ہے ؟

ج۔اگر چشمہ اس کی ملکیت سے باہر اور قریب ہی خود بخود پھوٹے اور قبل اس کے کہ زمین پر جاری ہو اس کا پانی پائپ کے ذریعے مطلوبہ جگہ کی طرف موڑ دیا جائے تو اگر اس پانی کا استعمال عرف عام میں غیر کی ملکیت میں تصرف شمار نہ کیا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔واٹر سپلائی کے محکمے نے واٹر پمپ ( ایسا پمپ جو سرکاری پانی کو پریشر کے ساتھ کھینچ لیتا ہے) لگانا ممنوع قرار دے رکھا ہے لیکن بعض علاقوں میں پانی کا پریشر کم ہے اور ان کے رہائشی مجبور ہیں کہ بالائی منزلوں میں پانی لانے کے لئے واٹر پمپ لگائیں اس صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے مندرجہ ذیل دو سوالوں کے جواب دیجئے گا۔

١) کیا زیادہ پانی سے استفادہ کرنے کے لئے ایسا واٹر پمپ لگانا شرعاً جائز ہے ؟

٢) جائز نہ ہونے کی صورت میں جو پانی واٹر پمپ کے ذریعے کھینچا جاتا ہے اس کے ساتھ وضو اور غسل کرنے کا کیا حکم ہے ؟

ج۔ مفروضہ صورت میں واٹر پمپ لگانا اور اس سے استفادہ کرنا جائز نہیں ہے اور اس پانی کے ساتھ وضو اور غسل کرنے میں بھی اشکال ہے جو اس پمپ کے ذریعے کھینچا جاتا ہے۔

س۔نماز کا وقت داخل ہونے سے پہلے وضو کرنے کے بارے میں آپ کی رائے کیا ہے؟ اور آپ نے کسی استفتاءکے جواب میں فرمایا ہے اگر نماز کے اول وقت کے قریب وضو کیا جائے تو اس سے نماز پڑھنا صحیح ہے تو ’ نماز کے اول وقت کے قریب‘ سے کتنی مقدار مراد ہے ؟

ج۔اس کا معیار، عرف ہے، اگر اس وقت میں نماز کے لئے وضو کیا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔کیا وضو کرنے والے کے لئے مستحب ہے کہ وہ پیروں کا مسح انگلیوں کے نچلے حصے یعنی اس جگہ سے کرے جو چلتے وقت زمین سے مس ہوتی ہے ؟

ج۔ مسح کرنے کی جگہ، انگلیوں کے سرے سے لیکر ٹخنوں تک پاؤں کا اوپر والا حصہ ہے اور انگلیوں کے نچلے حصے کے مسح کا مستحب ہونا ثابت نہیں ہے۔

س۔وضو کرنے والا اگر وضو کرنے کے قصد سے ہاتھوں اور چہرے کو دھوتے وقت ، نل کو کھولے اور بند کرے تو نل کے اس چھونے کا حکم کیا ہے ؟

ج۔ کوئی حرج نہیں ہے اور اس سے وضو کے صحیح ہونے پر کوئی اثر نہیں پڑتا، لیکن بایاں ہاتھ دھونے سے فارغ ہونے کے بعد اور اس ہاتھ کے ساتھ مسح کرنے سے پہلے اگر پانی سے گیلے نل کو چھوئے اور ہاتھ کا وضو والا پانی اس دوسرے پانی کے ساتھ مخلوط ہو جائے تو ایسی مخلوط تری کے ساتھ مسح کرنا محل اشکال ہے۔

س۔کیا مسح کے لئے وضو والے پانی کے علاوہ کسی اور پانی سے استفادہ کیا جا سکتا ہے؟ نیز کیا سرکا مسح دائیں ہاتھ کے ساتھ اور اوپر سے نیچے کی طرف کرنا ضروری ہے ؟

ج۔ سر اور پاؤں کا مسح صرف وضو والے پانی کی اس رطوبت کے ساتھ کیا جا سکتا ہے جو ہاتھوں پر لگی ہوئی ہے اور اگر ہاتھوں پر رطوبت باقی نہ ہو تو داڑھی یا ابرو سے رطوبت لیکر اس سے مسح کرے۔ اور احتیاط یہ ہے کہ سرکا مسح داہنے ہاتھ کے ساتھ کیا جائے لیکن مسح میں ضروری نہیں ہے کہ اوپر سے نیچے کی طرف کیا جائے۔

س۔ بعض عورتیں کہتی ہیں ناخن پالش ، وضو سے رکاوٹ نہیں بنتی۔ نیز باریک جراب پر مسح کرنا بھی جائز ہے کیا یہ صحیح ہے ؟

ج۔ اگر اس پالش کی اپنی تہ ہو تو وہ پانی کے ناخن تک پہنچنے سے رکاوٹ ہے اور وضو باطل ہے اور جراب پر مسح صحیح نہیں ہے چاہے وہ کتنا ہی باریک کیوں نہ ہو۔

س۔ کیا وہ جنگی زخمی جو ریڑھ کی ہڈی کا حرام مغز ٹوٹ جانے کی وجہ سے پیشاب روکنے کی قدرت نہیں رکھتے ایسا کرسکتے ہیں کہ نماز جمعہ میں شرکت کریں اور خطبہ سننے کے بعد مسلوس( جسے مسلسل پیشاب ٹپکنے کی بیماری ہو) کے فریضے پر عمل کرتے ہوئے نماز جمعہ و عصر پڑھیں۔

ج۔ نماز جمعہ میں شرکت کرنے میں کوئی اشکال نہیں ہے لیکن چونکہ ان زخمیوں پر واجب ہے کہ وضو کر لینے کے بعد فوراً نماز پڑھیں اسلئے خطبہ جمعہ سے پہلے والا وضو نماز جمعہ کے لئے اس وقت کا فی ہے جب وضو کے بعد کوئی حدث سرزد نہ ہو۔

س۔جو شخص وضو پر قادر نہیں ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ کسی دوسرے کو وضو کے لئے نائب بنائے اور خود وضو کی نیت کرے اور اپنے ہاتھ کے ساتھ مسح کرے اور اگر مسح پر قادر نہ ہو تو نائب اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے مسح کرائے اور اگر اس کام سے بھی عاجز ہو تو نائب اس کے ہاتھ کی تری لے کر اس سے اس کا مسح کرے اب اگر اس شخص کے ہاتھ بھی نہ ہوں تو اس کا حکم کیا ہے ؟

ج۔ اگر اس کی ہتھیلیاں نہ ہوں تو تری اس کی کہنیوں تک کے باقی حصے سے لی جائے گی اور اگر یہ بھی نہ ہو تو اس کے چہرے سے تری لے کر اس کے سر اور پاؤں کا مسح کیا جائے گا۔

س۔جمعہ گاہ سے قریب وضو کرنے کی جگہ ہے جو جامع مسجد سے متعلق ہے لیکن اس کے اخراجات مسجد کے بجٹ سے ادا نہیں کئے جاتے کیا نماز جمعہ میں شرکت کرنے والوں کے لئے اس پانی سے استفادہ کرنا جائز ہے؟

ج۔ اگر یہ پانی سب نماز گزاروں کے وضو کے لئے قرار دیا گیا ہو تو اس سے استفادہ کرنے میں کوئی اشکال نہیں ہے۔

س۔ جو وضو نماز ظہر و عصر سے پہلے کیا گیا ہے کیا نماز مغرب و عشاء کے لئے کافی ہے جبکہ اس مدت میں کوئی مبطل وضو بھی سرزد نہ ہوا ہو یا نہیں ؟ بلکہ ہر نماز کے لئے خاص نیت اور وضو کی ضرورت ہے۔

ج۔ ہر نماز کے لئے الگ وضو ضروری نہیں ہے بلکہ ایک وضو کے ساتھ جب تک وہ باطل نہ ہو جتنی چاہیں نمازیں پڑھ سکتے ہیں۔

س۔کیا واجب نماز کی نیت سے اس کا وقت داخل ہونے سے پہلے وضو کرنا جائز ہے ؟

ج۔ اگر واجب نماز کا وقت قریب ہو تو اس کی نیت سے وضو کرنے میں اشکال نہیں ہے۔

س۔اگر کسی جگہ پر چند فرسخ تک پانی تلاش کرنے سے گندا اور آلودہ پانی مل جائے تو کیا اس حالت میں ہمارے اوپر تیمم واجب ہے یا اسی پانی کے ساتھ وضو کریں ؟

ج۔ اگر وہ پانی پاک اور مطلق ہو اور اس کا استعمال مضر نہ ہو اور وہاں پر نقصان کا خطرہ بھی نہ ہو تو وضو واجب ہے اور تیمم کی نوبت نہیں آئے گی۔

س۔ کیا وضو بذات خود مستحب ہے ؟ اور اگر نماز کا وقت داخل ہونے سے پہلے قصد قربت کے ساتھ وضو کر لیا جائے تو کیا اس کے ساتھ نماز پڑھی جا سکتی ہے ؟

ج۔ شرعی نقطہ نظر سے طہارت و پاکیزگی کے لئے وضو کرنا مستحب ہے اور مستحبی وضو کے ساتھ نماز پڑھنا جائز ہے۔

س۔ جو شخص ہمیشہ اپنے وضو میں شک کرتا ہے وہ کیسے مسجد میں داخل ہو کر نماز پڑھ سکتا ہے ، قرآن کریم کی تلاوت کرسکتا ہے اور ائمہ معصومین کے مرقد کی زیارت کرسکتا ہے ؟

ج۔ وضو کر لینے کے بعد طہارت کی بقا میں شک قابل اعتنا نہیں ہے اور جب تک وضو ٹوٹنے کا یقین نہ ہو جائے اس کے ساتھ نماز پڑھ سکتا ہے اور تلاوت و زیارت کرسکتا ہے۔

س۔کیا وضو کی صحت کے لئے شرط ہے کہ پانی ہاتھ کے تمام حصوں پر جاری ہو جائے یا اس پر تر ہاتھ پھر لینا ہی کافی ہے؟

ج۔کسی عضو کا دھو نا تب ہو گا جب اس کے تمام حصوں تک پانی پہنچ جائے اگر چہ پانی ہاتھ کے پھیرنے سے ہی پہنچے لیکن صرف تر ہاتھ پھیر لینا کافی نہیں ہے۔

س۔ کیا سر کے مسح میں بالوں کا تر ہو جانا کافی ہے یا تری کا سر کی جلد تک پہچانا ضروری ہے ؟

ج۔ سر کی جلد کا مسح واجب نہیں ہے بلکہ سر کے اگلے حصے کے بالوں پر کافی ہے۔

س۔جس شخص نے سر پر مصنوعی بال لگا رکھے ہیں وہ سر کا مسح کیسے کرے ؟ نیز غسل کے بارے میں اس کی ذمہ داری کیا ہے ؟

ج۔ اگر بال اس طریقے سے چپکے ہوئے ہیں کہ ان کا اتارنا ممکن نہیں ہے یا ان کے اتارنے میں نقصان اور تکلیف ہے اور بالوں کے ہوتے ہوئے سر کی جلد پر تری کا پہنچانا ممکن نہیں ہے تو انہیں بالوں پر مسح کر لینا کافی ہے اور غسل کا بھی یہی حکم ہے۔

س۔وضو یا غسل میں اعضاء کے دھونے کے درمیان فاصلہ کرنا کیا حکم رکھتا ہے ؟

ج۔ غسل میں اعضا کو وقفے وقفے سے دھونا ( عدم موالات) اشکال نہیں رکھتا لیکن وضو میں اگر اتنا فاصلہ کرے کہ پہلے والے اعضاء خشک ہو جائیں تو وضو باطل ہے۔

س۔جس شخص کی مسلسل تھوڑی تھوڑی ریح خارج ہوتی رہتی ہے اس کے وضو اور نماز کا کیا حکم ہے ؟

ج۔اگر نماز کے آخر تک اپنے وضو کو برقرار نہ رکھ سکتاہو اور نماز کے دوران میں تجدید وضو کرنے میں بھی بہت دشواری ہو تو ہر وضو کے ساتھ ایک نماز پڑھ سکتا ہے یعنی ہر نماز کے لئے ایک وضو پر اکتفا کرے اگرچہ وہ نماز کے دوران باطل بھی ہو جائے۔

س۔ فلیٹوں میں رہنے والے بعض لوگ ٹھنڈے اور گرم پانی ، ایئر کنڈیشننگ اور نگہبانی جیسی سہولیات سے استفادہ کرتے ہیں لیکن ان کا معاوضہ ادا نہیں کرتے اور ان کا بوجھ پڑوسیوں کی رضامندی کے بغیر ان کی گردن پر ڈال دیتے ہیں کیا ان کا نماز، روزہ اور دیگر عبادات باطل ہیں ؟

ج۔ان میں سے ہر شخص ان مشترکہ سہولیات سے جتنا استفادہ کرتا ہے اس کی نسبت ان کے معاوضے کا مقروض ہے اور اگر پانی کا بل ادا نہ کرے تو اس کے وضو اور غسل میں اشکال ہے بلکہ یہ باطل ہیں۔

س۔ ایک شخص غسل جنابت کے تین چار گھنٹے بعد نماز پڑھنا چاہتا ہے لیکن نہیں جانتا کہ اس کا غسل باطل ہوا ہے یا نہیں تو کیا اس کے احتیاطاً وضو کرنے میں اشکال ہے یا نہیں ؟

ج۔ مفروضہ صورت میں وضو واجب نہیں ہے لیکن احتیاط کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔

س۔ کیا نابالغ بچہ حدث اصغر کے سرزد ہونے سے محدث ہو جاتا ہے ؟ کیا قرآن کریم کو اس کی دسترس میں قرار دیا جا سکتا ہے تا کہ وہ اسے چھوسکے؟

ج۔ جی ہاں وضو کو باطل کرنے والی کسی چیز کے عارض ہونے سے نابالغ بچہ بھی محدث ہو جاتا ہے لیکن اس کے لئے قرآن کے حروف کو چھونا حرام نہیں ہے اور دوسروں پر بھی اسے قرآن کے حروف کو چھونے سے روکنا واجب نہیں ہے۔

س۔ اگر اعضاء وضو میں سے کوئی عضو دھوئے جانے کے بعد اور وضو کے مکمل ہونے سے پہلے نجس ہو جائے تو اس کا کیا حکم ہے ؟

ج۔اس سے وضو کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا لیکن نماز کے لئے اسے پاک کرنا واجب ہے۔

س۔اگر مسح کے وقت پاؤں کے اوپر پانی کے چند قطرے ہوں تو کیا وضو میں کوئی حرج ہے ؟

ج۔ مسح کی جگہ کا ان قطروں سے خشک کرنا واجب ہے تا کہ مسح کے وقت ہاتھ کی تری پاؤں پر اثر کرے نہ برعکس۔

س۔ جس کا دایاں ہاتھ کہنی کے اوپر سے کٹا ہوا ہے کیا اس سے دائیں پاؤں کا مسح ساقط ہو جائے گا؟

ج۔ دائیں پاؤں کا مسح ساقط نہیں ہو گا بلکہ بائیں ہاتھ سے اس کا مسح کرنا ضروری ہے۔

س۔جس شخص کے اعضاء وضو میں سے کوئی عضو ٹوٹا ہوا ہو یا اس پر زخم ہو تو اس کی ذمہ داری کیا ہے ؟

ج۔ جو عضو ٹوٹا ہوا ہے یا اس پر زخم ہے اگر وہ اوپر سے کھلا ہوا ہو اور اس کے لئے پانی نقصان دہ نہ ہو تو اسے دھونا ضروری ہے اور اگر اسے دھونا نقصان دہ ہو تو اس کی اطراف کو دھوئے اور احتیاط یہ ہے کہ اگر اس پر تر ہاتھ پھیرنے میں نقصان نہ ہو تو اس پر تر ہاتھ پھیرے۔

س۔جس شخص کی مسح والی جگہ پر زخم ہے اس کی ذمہ داری کیا ہے ؟

ج۔ اگر اس پر تر ہاتھ نہیں پھیرسکتا تو ضروری ہے کہ تیمم کرے لیکن اگر اس زخم پر کپڑا ڈال کر کپڑے کے اوپر تر ہاتھ پھیر سکتا ہے تو احتیاط یہ ہے کہ تیمم کے ساتھ ساتھ ایسے مسح کے ساتھ وضو بھی کرے۔

س۔جس شخص کو اپنے وضو کے باطل ہونے کا علم نہیں ہے اور وضو مکمل ہونے کے بعد اسے اس کا علم ہو تو اس کی ذمہ داری کیا ہے؟

ج۔ جن کا موں میں طہارت شرط ہے ان کے لئے وضو کا اعادہ کرنا ضروری ہے اور اگر باطل وضو کے ساتھ نماز پڑھ چکا ہو تو نماز کا اعادہ کرنا بھی واجب ہے۔

س۔ جسکے اعضائے وضو میں سے کسی عضو میں ایسا زخم ہے کہ پٹی ( جبیرہ) باندھنے کے باوجود اس سے ہمیشہ خون بہتا رہتا ہے وہ وضو کس طرح کرے ؟

ج۔ اس پر واجب ہے کہ زخم پر نائلون وغیرہ کی ایسی پٹی( جبیرہ) باندھے جس سے خون باہر نہ نکلنے پائے۔

س۔ کیا وضو کے بعد رطوبت کا خشک کرنا مکروہ ہے ؟ اور اس کے مقابلے میں کیا خشک نہ کرنا مستحب ہے ؟

ج۔ اگر اس کام کے لئے مخصوص رومال یا تو لیہ قرار دے تو کوئی اشکال نہیں ہے۔

س۔مصنوعی رنگ جسے عورتیں سر اور ابرو کے بالوں کو رنگنے کے لئے استعمال کرتی ہیں کیا وضو اور غسل سے مانع ہے ؟

ج۔اگر صرف رنگ ہو اور اس کی اپنی کوئی تہ نہ ہو کہ یہ پانی کے بالوں تک پہنچنے سے رکاوٹ ہو تو وضو اور غسل صحیح ہے۔
٭٭٭
مآخذ:
http://ishraaq.in/html/ahkam/istifta-1/02/03.html
http://www.tebyan.net/index.aspx?pid=58709
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

وضو کے احکام