دین و مذہب

دار العلوم

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (18,676 الفاظ)

جریدہ دارالعلوم

دیوبند شمارہ : 2 ، جلد : 91 ، فروری 2007ء  

 

اسلام میں نکاح کی اہمیت
 
از:   سید کمال اللہ بختیار ندوی               
لکچرر شعبہٴ عربی دی نیوکالج چینائی
 
 
          اسلام میں نکاح کی بڑی اہمیت ہے۔ اسلام نے نکاح کے تعلق سے جو فکرِ اعتدال اور نظریہٴ توازن پیش کیا ہے وہ نہایت جامع اور بے نظیر ہے۔ اسلام کی نظر میں نکاح محض انسانی خواہشات کی تکمیل اور فطری جذبات کی تسکین کا نام نہیں ہے۔ انسان کی جس طرح بہت ساری فطری ضروریات ہیں بس اسی طرح نکاح بھی انسان کی ایک اہم فطری ضرورت ہے۔ اس لیے اسلام میں انسان کو اپنی اس فطری ضرورت کو جائزاور مہذب طریقے کے ساتھ پوراکرنے کی اجازت ہے اور اسلام نے نکاح کوانسانی بقا وتحفظ کے لیے ضروری بتایا ہے اسلام نے تو نکاح کو احساسِ بندگی اور شعورِ زندگی کے لیے عبادت سے تعبیر فرمایا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے نکاح کو اپنی سنت قرار دیا ہے۔ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے: ’’النکاح من سنّتی‘‘ نکاح کرنا میری سنت ہے۔(۱) آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے نکاح کوآدھا ایمان بھی قرار دیا ہے ’’اِذَا تَزَوَّجَ الْعَبْدُ اِسْتَکْمَلَ نِصْفَ الدِّیْنِ فَلْیَتَّقِ فِیْ النِّصْفِ الْبَاقِیْ‘‘ جو کوئی نکاح کرتاہے تو وہ آدھا ایمان مکمل کرلیتاہے اور باقی آدھے دین میں اللہ سے ڈرتا رہے۔(۲) نکاح انبیاء کرام کی بھی سنت ہے۔ ارشاد ربانی ہے ’’وَلَقَدْ اَرْسَلْنَا رُسُلاً مِّنْ قَبْلِکَ وَجَعَلْنَا لَہُمْ اَزْوَاجًا وَّ ذُرِّیَّةً‘‘ (اے محمد صلی اللہ علیہ و سلم ) ہم نے آپ سے پہلے یقیناً رسول بھیجے اور انہیں بیویوں اور اولاد سے بھی نوازا(۳)۔ اس ارشاد ربانی سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ انبیاء کرام بھی صاحبِ اہل وعیال رہے ہیں۔ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم اس طرح ہے حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا رسولوں کی چار سنتیں ہیں: (۱) شرم و حیاکا خیال (۲)مسواک کا اہتمام (۳) عطر کا استعمال (۴) نکاح کا التزام(۴)۔
          نکاح کی اہمیت ان احادیث سے بھی واضح ہوتی ہے۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: ’’اے نوجوانو! تم میں سے جو نکاح کی ذمہ داریوں کو اٹھانے کی طاقت رکھتا ہے اسے نکاح کرلینا چاہئے کیونکہ نکاح نگاہ کو نیچا رکھتا ہے اور شرمگاہ کی حفاظت کرتا ہے (یعنی نظرکو بہکنے سے اور جذبات کو بے لگام ہونے سے بچاتا ہے) اور جو نکاح کی ذمہ داریوں کو اٹھانے کی طاقت نہیں رکھتا ہے اسے چاہئے کہ شہوت کا زور توڑنے کے لیے وقتاً فوقتاً روزے رکھے(۵)۔ اسی طرح ایک مرتبہ جب بعض صحابہ کرام نے عبادت و ریاضت میں یکسوئی و دلچسپی کے پیشِ نظر آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم سے اپنی قوت شہوت کو ختم کردینے کی خواہش ظاہر کی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے ایسا کرنے سے منع فرمایا اور شادی نہ کرنے کو زندگی سے فرار اختیار کرنا قرار دیا۔ اس لیے کہ اسلام زندگی سے فرار کی راہ کو بالکل ناپسند کرتاہے۔ چنانچہ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے: ’’وَاللّٰہِ اِنِّیْ لاَخْشَاکُمْ لِلّٰہِ وَاَتْقَاکُمْ لَہ وَلٰکِنِّیْ اَصُوْمُ وَاُفْطِرُ وَاُصَلِّیْ وَاَرْقُدُ وَاَتَزَوَّجُ النِّسَاءَ فَمَنْ رَغِبَ عَنْ سُنَّتِیْ فَلَیْسَ مِنِّیْ‘‘ بخدا میں تم سب سے زیادہ اللہ سے ڈرنے والا ہوں اور تم سب سے زیادہ اس کی ناراضگی سے بچنے والا ہوں (لیکن میرا حال) یہ ہے کہ میں کبھی نفل روزے رکھتا ہوں اور کبھی بغیر روزوں کے رہتا ہوں راتوں میں نماز پڑھتا ہوں اور سوتا بھی ہوں اور شادی بھی کرتا ہوں (یہ میرا طریقہ ہے) اور جو میرے طریقے سے منھ موڑے اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔(۶)
          انسان کسی قدر آرام طلب واقع ہوا ہے اور فطری طور پر راحت وسکون کا محتاج ہے اور اسی طرح فطری جذبات اور انسانی خواہشات کو پورا کرنے کا مزاج رکھتا ہے۔ راحت و مسرت سکون و اطمینان اس کی فطرت میں داخل ہیں۔ انسان کو اپنے مقصد تخلیق میں کامیاب ہونے عبادت میں یکسوئی و دلچسپی پیدا کرنے بندوں کے حقوق کو اچھی طرح ادا کرنے اور اپنے متضاد جبلی اوصاف کو صحیح رخ پر لانے کے لیے نکاح انسان کے حق میں نہایت موٴثر ذریعہ اور کارآمد طریقہ ہے۔ اللہ نے نکاح میں انسان کے لیے بہت سے دینی ودنیاوی فائدے رکھے ہیں۔ مثلاً معاشرتی فائدے خاندانی فائدے اخلاقی فائدے سماجی فائدے نفسیاتی فائدے غرضیکہ فائدوں اور خوبیوں کا دوسرا نام نکاح ہے۔
          انسان کو نکاح کے ذریعہ صرف جنسی سکون ہی حاصل نہیں ہوتا بلکہ قلبی سکون ذہنی اطمینان غرض کہ ہرطرح کا سکون میسر ہوتا ہے جیسا کہ ارشاد ربانی ہے ’’ہُوَ الَّذِیْ خَلَقَکُمْ مِّنْ نَّفْسٍ وَّاحِدَةٍ وَّجَعَلَ مِنْہَا زَوْجَہَا لِیَسْکُنَ اِلَیْہَا‘‘ وہی اللہ ہے جس نے تم کو ایک جان سے پیدا کیا اور پھر اسی کی جنس سے اس کا جوڑا بنادیا تاکہ وہ اس سے سکون حاصل کرے(۷)۔ اس آیت سے عورت کی اہمیت معلوم ہوتی ہے کہ عورت مرد کے حق میں ایک انمول تحفہ ہے اور مرد کے لئے باعث سکون و اطمینان ہے لہٰذا جو مرد عورت کی قدر کرتا ہے وہ کامیاب اور پرسکون زندگی گزارتا ہے۔ اگر انسان نکاح سے جو انسانی فطری ضرورت ہے منھ موڑنے کی کوشش کرتا ہے تو انسان کو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نکاح کے بغیر سارا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ تاریخ میں چند استثنائی صورتوں اور چند مذہبی لوگوں کے افکار کے علاوہ دنیا میں ہمیشہ تمام انسان ہر زمانے میں شادی کو اہم ضرورت تسلیم کرتے آئے ہیں تاریخ کی روشنی میں شادی سے مستثنیٰ کبھی کوئی قوم مذہب اور ملت نہیں رہے ہیں۔ہر مذہب وملت میں مقررہ مراسم اور رواجات کے بغیر تعلقات مرد وعورت برے اور اخلاق سے گرے ہوئے سمجھے گئے ہیں اگرچہ ہر مذہب وملت میں شادی کے طور طریقے رسم و رواج الگ الگ رہے ہیں بحرحال شادی کی اہمیت پر سب متفق ہیں۔

نکاح کے متعلق بعض مذاہب اور اہلِ مغرف کے افکار

          آگے اجمالی طور پر ان مذاہب کے افکار کو پیش کیا جارہا ہے جنھوں نے شادی کو غیراہم بتایا ہے اور شادی سے انکار کیا ہے بعض مذاہب کے بعض لوگوں نے رہبانیت کے چکر میں پھنس کر شادی کو روحانی اور اخلاقی ترقی میں رکاوٹ مانا ہے تجرد رہنے اور سنیاس لینے (یعنی شادی نہ کرنے) کو اہم بتایا ہے اسی طرح روحانی و اخلاقی ترقی کیلئے انسانی خواہشات مٹانے اور فطری جذبات دبانے کو ضروری قرار دیا ہے۔ ان لوگوں کے نظریات وافکار نہ صرف فطرتِ انسانی کے خلاف ہیں بلکہ نظامِ قدرت کے بھی خلاف ہیں۔
          ڈاکٹر اسرار احمد صاحب رقم طراز ہیں: ’’رہبانیت کا تصور آپ کو عیسائیوں میں بھی نظر آئے گا اور ہندؤں میں بھی۔ دنیا کے اور بھی مذاہب ہیں جیسے بدھ مت جین مت ان میں بھی یہ تصور مشترک ملے گا کہ نکاح اور گھر گرہستی کی زندگی روحانیت کے اعتبار سے گھٹیا درجہ کی زندگی ہے۔ اس اعتبار سے ان مذاہب میں اعلیٰ زندگی تجرد کی زندگی ہے۔ شادی بیاہ کے بندھن کو یہ مذاہب کے بعض لوگ روحانی ترقی کے لئے رکاوٹ قرار دیتے ہیں مرد ہو یا عورت دونوں کے لئے تجرد کی زندگی کو ان کے ہاں روحانیت کا اعلیٰ و ارفع مقام دیا جاتا ہے نکاح کرنے والے ان مذاہب کے نزدیک ان کے معاشرہ میں دوسرے درجہ کے شہری (Second rate Citizens) شمار ہوتے ہیں چونکہ شادی بیاہ میں پڑکر انھوں نے اپنی حیثیت گرادی ہے‘‘(۸)
          چنانچہ جن لوگوں نے شادی کرنے کو غلط قرار دیا ہے اور عورت سے دور رہنے کا درس دیا ہے اور روحانی ترقی کے لئے ایسا کرنا ناگزیر بتایا ہے آخر کار وہی لوگ انسانی خواہشات اور فطری جذبات سے مغلوب ہوکر طرح طرح کی جنسی خرابیوں اور اخلاقی برائیوں کے مرتکب ہوئے ہیں حتیٰ کہ فطرت کے خلاف کاموں تک میں ملوث ہوئے ہیں اور برے نتائج اور تباہ کن حالات سے دوچار ہیں۔
          اسی طرح عصرِ حاضر میں خصوصاً بعض اہلِ مغرب اور مغرب زدہ لوگوں نے بھی شادی کو غیراہم بتایاہے اور شادی سے انکار کردیا ہے۔ ان کے بے ہودہ نظریات کے مطابق انسان ہر طرح کی آزادی کا حق رکھتا ہے اور اسے اپنے فطری جذبات کو جیسا چاہے ویسا پورا کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ اس معاملہ میں انسان کسی قسم کی روک ٹوک اسی طرح شادی جیسی کوئی پابندی اور بندھن کا قائل نہیں ہے۔ ان کے ہاں شادی کا تصور ہے بھی تواس کا مقصد صرف جنسی خواہشات کا پورا کرنا رنگ رلیاں منانا، موج مستی کرنا اور سیر وتفریح کرنا پھر ایک مقررہ وقت اور مدت کے بعدایک دوسرے سے جدا ہو جانا ہے۔ مغربی ممالک کے لوگ خصوصاً اور ان کے نقش قدم پر چلنے والے دنیا کے دیگر ممالک کے افراد عموماً مرد کے لئے عورت دوست اور عورت کے لئے مرد دوست (Boy friend, Girl friend) نظریے کے تحت بے حیائی بے شرمی کے شکار ہیں۔ عاشق و معشوق کی حیثیت سے بے حیا وے بے شرم بن کر زندگی گزارتے ہیں ایشیائی ممالک میں تو بعض بیوقوف اور کم عقل لوگ اخلاق سوز فلموں اور بے ہودہ ٹی وی پروگراموں کی بدولت عشق کی خاطر جان دینے اور جان لینے کی احمقانہ باتیں اور عقل کے خلاف حرکتیں بھی کرتے ہیں۔ اہلِ مغرب اور مغرب زدہ لوگوں نے شادی کو ایک کھیل تماشا بناکر رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے مغربی ممالک میں گھرگرہستی کا تصور ختم ہو گیا ہے۔ خاندان اور اقارب کا نام ونشان مٹ گیا ہے۔ ماں باپ اور بچوں کے درمیان کوئی تعلق قائم نہیں رہ گیا ہے۔ اس سنگین صورت حال سے خود مغربی ممالک کے سنجیدہ اور غیور لوگ بہت پریشان ہیں اور غور و فکر کررہے ہیں کہ کس طرح ان تباہ کن حالات اور انسانیت سوز ماحول پر قابو پایا جائے اور سوسائٹی کو ان برائیوں اور خرابیوں سے محفوظ رکھا جائے۔

اسلامی طریقۂ نکاح میں تمام مسائل ومصائب کا حل

          ان تمام مسائل کا حل اور تمام مصائب کا علاج صرف اسلام میں موجود ہے۔ اس لیے کہ اسلام دینِ فطرت اور دینِ اعتدال ہے۔ ارشاد ربانی ہے ’’فِطْرَتَ اللّٰہِ الَّتِیْ فَطَرَالنَّاسَ عَلَیْہَا لاَ تَبْدِیْلَ لِخَلْقِ اللّٰہِ‘‘ یہ فطرت (یعنی فطری جذبات) اللہ کی طرف سے ہے۔ اس فطرت پر انسان قائم رہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرے(۹)۔ ہر انسان اپنے فطری جذبات اور انسانی خواہشات کو پورا کرنے پر مجبور ہے۔ اس سے کسی کو مفر نہیں ہے۔ اگر انسان نکاح سے فرار اختیار کرتا ہے اور جائز و مذہب طریقے پر اپنی فطری خواہشات کو پورا نہیں کرتا ہے تو ناجائز اور غیرمہذب طریقے پر پورا کرنے لگتا ہے اور ہرطرح کی برائی وبے حیائی کا شکار ہو جاتا ہے۔ لہٰذا جو کوئی بھی اللہ کی قائم کی ہوئی فطرت سے بغاوت کرتا ہے تو وہ خود تو تباہ و برباد ہوتا ہی ہے لیکن دوسروں کو بھی تباہ و برباد کردیتا ہے اور اس سے دنیا میں فتنہ و فساد پھیل جاتے ہیں یعنی لاوارث معصوم بچوں کے مسائل اور اسقاطِ حمل جیسے اخلاق سوز واقعات ہونے لگتے ہیں۔جیسا کہ مغربی سوسائٹی کے لئے یہ مسائل پریشانی کا باعث اور سرکا درد بنے ہوئے ہیں یورپ و امریکہ میں بہت سے لوگ ان سنگین حالات اور مسائل سے دوچار ہیں اور ان ممالک میں بہت سارے لوگ لاوارث کی حیثیت سے زندگی گزار رہے ہیں۔
          اسی بنا پر اسلام نے نکاح کو اس قدر اہم بتایا ہے اور مرد اور عورت کو نکاح کے مہذب بندھن میں باندھنا لازمی سمجھا ہے اس لئے کہ نکاح خاندان کو وجود بخشتا ہے۔ سماج کا تصور دیتا ہے۔ گھرگرہستی کا نظام قائم کرتا ہے۔ اسلام نکاح کے ذریعہ نسل آدم کا تسلسل کے ساتھ صحیح طریقہ پر افزائش چاہتا ہے اور اس میں کسی بھی طرح کے انقطاع کو ناپسند کرتا ہے جیسا کہ ارشاد ربانی ہے: ’’وَہُوَ الَّذِیْ خَلَقَ مِنَ الْمَآءِ بَشَرًا وَّجَعَلَہ نَسَبًا وَّصِہْرًا وَّکَانَ رَبُّکَ قَدِیْرًا‘‘ وہی اللہ ہے جس نے انسان کو پانی (یعنی ایک قطرہ بوند) سے پیدا کیا (اور اس کے ذریعہ) نسل آدم کو چلادیا اور اسے خاندان اور سسرال والا بنادیا اور تمہارا رب واقعی بڑی قدرت والا ہے(۱۰)۔ اسی طرح اسلام انسانی زندگی کو اللہ کی بندگی اور اسوۂ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم میں ڈھلی ہوئی دیکھنا چاہتا ہے۔ اسلام نکاح کو روحانی اور اخلاقی ترقی کے لیے رکاوٹ نہیں بلکہ ترقی کی شاہراہ قرار دیتا ہے۔ روحانیت اور اخلاق میں سب سے اونچا مقام اور بلند معیار انبیاء کرام کا ہوتا ہے اور انبیاء کرام کے تعلق سے ذکر کیا جاچکا ہے کہ انبیاء کرام شادی شدہ اور بال بچے والے رہے ہیں۔ انسان کو نکاح کے بعد گھر کی ذمہ داریوں کو نبھانے میں اور انسانی حقوق کے ادا کرنے میں جو پریشانیاں لاحق ہوتی ہیں اگر انسان ان حقوق و ذمہ داریوں کو اسلامی تعلیمات اور اسوۂ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم کی روشنی میں ادا کرتا ہے تو اسلام کی نظر میں نکاح خود انسان کے حق میں روحانی اور اخلاقی ترقی کے لئے بہترین ذریعہ ہے۔ اسی وجہ سے اسلام نے ایک طرف رہبانیت کو روا نہیں رکھا ہے تو دوسری طرف انسان کو بے لگام بھی نہیں چھوڑدیا ہے۔ اسلام انسان کی زندگی میں اعتدال و توازن پیدا کرتا ہے اور اسلام کے فکر اعتدال اور نظریہٴ توازن میں انسان ہی کی خیرخواہی و بھلائی ہے۔ اسلام نے نکاح کے سلسلہ میں اعتدال و توازن کا جو جامع فکری و عملی نظریہ پیش کیاہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔

اسلام میں نکاح کو انجام دینے کیلئے چند اہم امور

          مندرجہ ذیل امور میں سے چند کو تفصیل کے ساتھ اور چند کو اختصار کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے اور وہ چند امور اس طرح ہیں۔ایجاب و قبول دوگواہوں کی موجودگی، نکاح میں عورت کے لئے ولی (سرپرست) کا موجود ہونا، نکاح کا اعلان، دعوتِ ولیمہ، مہر کی ادائیگی اور خطبہٴ نکاح۔ اگر ان امور پر غور وفکر سے کام لیا جائے تو یہ بات خود بخود واضح ہو جاتی ہے کہ یہ امور عبادت ہونے کے ساتھ ساتھ کس قدر دعوتِ فکر وعمل اور باعثِ ثواب ہیں۔

ایجاب و قبول

          ایجاب سے مراد ہے ایک فریق (یعنی دلہے) کی طرف سے نکاح کے معاملہ میں پیش کش اور قبول سے مراد ہے دوسرے فریق (یعنی دلہن) کی طرف سے اس پیش کش پر رضامندی غرض کہ فریقین کا نکاح پر خوشی سے رضامند ہو جانا ایجاب و قبول کہلاتا ہے۔
          ایجاب و قبول نکاح کے لئے شرط ہے اسلام میں کسی مرد یا عورت کی مرضی و اجازت کے بغیر نکاح قرار نہیں پاسکتا چنانچہ ارشادِ ربانی ہے ’’یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوا لاَیَحِلُّ لَکُمْ اَنْ تَرِثُوا النِّسَاءَ کَرْہًا‘‘ اے ایمان والو تم کو حلال نہیں کیا کہ زبردستی عورتوں کے وارث بن جاؤ(۱۱)۔ لفظ کرہا کا اطلاق بہت سے معنوں میں ہوتا ہے مثلاً زور زبردستی جبر دباؤ وغیرہ۔ اسی طرح کسی مرد کا نکاح کسی عورت سے اس کی مرضی و اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتا چونکہ عموماً عورت باختیار نہیں ہوتی ہے۔ اس لئے عورت کی اجازت و مرضی کا ذکر وضاحت سے کردیاگیا ہے اور اس سے بتانا مقصود ہے کہ اسلام نے نکاح میں عورت کو رضامندی پسند ناپسند کا پورا حق دیا ہے۔

دو گواہ

          نکاح میں دو گواہ کا موجود ہونا بھی شرط ہے۔ نکاح میں شہادت نہایت ضروری ہے۔ اس لئے کہ اس سے بدکاری بے حیائی کا راستہ بند ہو جاتا ہے۔ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے عَنِ بْنِ عَبَّاسٍ رضی اللّہ عنہما ’’اَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ و سلم قَالَ اَلْبَغَایَا الَّتِیْ یَنْکِحْنَ اَنْفُسَہُنَّ بِغَیْرِ بَیِّنَةٍ‘‘ عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ جو عورتیں چوری چھپے نکاح کرلیں وہ حرام کار ہیں(۱۲)۔

ولی کی اہمیت

          عورت کے لئے نکاح میں رضامندی کے ساتھ ولی (سرپرست) کا ہونا بھی ضروری ہے۔ عورت کا نکاح بغیرولی کے نہیں ہوسکتا چنانچہ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے ’’عَنْ اَبِی مُوْسٰی رضی اللہ عنہ عَنِ النَّبِیّ صلی اللہ علیہ و سلم قَالَ لاَ نِکَاحَ اِلاَّ بِوَلِیٍّ‘‘ حضرت ابوموسیٰ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ ولی کے بدون نکاح نہیں(۱۳)۔ عورت کا شرف اور مقام اسی میں ہے کہ وہ کسی کی سرپرستی میں نکاح کرے۔ اس طرح بہت سی سماجی اور معاشرتی خرابیاں دور ہو جاتی ہیں۔ اس میں بہت سی حکمتیں اور مصلحتیں ہیں۔ اگرچہ نکاح کرنے یا نہ کرنے کا اختیار پورا عورت کو حاصل ہے ولی اس کی مرضی اور رائے کے بغیر نکاح نہیں کرسکتا۔

اعلانِ نکاح

          اسی طرح اسلام نے نکاح میں اعلان و تشہیر کی تعلیم دی ہے۔ نکاح کا اعلان کرنا اور مسجد میں نکاح کرنا سنت ہے۔ ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے ’’اِعْلِنُوْا ہٰذَا النِّکَاحَ وَاجْعَلُوہُ فِی الْمَسَاجِدِ‘‘(۱۴)۔ نکاح کا اعلان کرو اور مسجد وں میں نکاح کرو۔ اس کا بنیادی مقصد نکاح کو عام کرنا اور نسب کو ثابت کرنا ہے۔

ولیمۂ مسنون

          دولہا اپنی شادی کی خوشی و شادمانی کے موقع پر جو دعوت دیتا ہے اسے ولیمہ کہا جاتا ہے اور ولیمہ کرنا سنت ہے۔ ولیمہ شوہر کے ذمہ ہے اور دعوت ولیمہ نکاح کے بعد ہے۔ مولانا عتیق احمد بستوی صاحب رقم طراز ہیں ’’دعوتِ ولیمہ زن وشوہر کی پہلی ملاقات کے بعد کی جاتی ہے۔ اس میں بے شمار مصلحتیں ہیں۔ اس سے شائستہ طور پر نئے رشتے کی تشہیر ہوتی ہے۔ عورت اور اس کے اہلِ خاندان کا اعزاز ہوتا ہے ایک قابلِ قدر نئی نعمت کے ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا ہوتا ہے‘‘(۱۵)۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے ولیمہ نکاح کے دوسرے دن کیا ہے۔ چنانچہ حضرت عبدالرحمن بن عوف نے جب آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم سے اپنے نکاح کا ذکر کیا تو آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا ’’اَوْلِمْ وَلَوْ بِشَاةٍ‘‘ ولیمہ کرو اگرچہ ایک بکری کا ہی کیوں نہ ہو(۱۶)۔ لہٰذا نکاح کے دوسرے یا تیسرے دن ولیمہ کرنا مناسب اور سنت ہے۔ چاروں فقہی مسالک میں ولیمہ کا مستحب وقت عقد کے بعد ہے(۱۷)۔ ولیمہ اپنی حیثیت کے مطابق کیا جاسکتا ہے۔ قرض تکلف اسراف اور نمائش سے اجتناب ضروری ہے۔ ولیمہ کی دعوت میں اقارب احباب اور دیگر لوگوں کو بلانے کی گنجائش ہے۔ اپنی طاقت اور حیثیت سے بڑھ کر خرچ کرنا خلافِ شریعت ہے۔ خلاصہ کلام یہ ہے کہ اسراف اور غیرضروری اخراجات سے اپنا دامن بچاتے ہوئے تکلّفات اور لوازمات سے بچتے ہوئے ولیمہ کی دعوت حیثیت کے مطابق کی جاسکتی ہے۔
          آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے ایک موقع پر حضرت انس رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا کہ جاؤ فلاں فلاں کو دعوت ولیمہ میں بلالاؤ(۱۸)۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کا نکاح جب حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے ہوا تو ان کے ولیمہ میں صرف کھجوراور منقیٰ پیش کیاگیا اور سادہ پانی پلایاگیا(۱۹)۔ دعوت ولیمہ کے تعلق سے ارشاد رسول صلی اللہ علیہ و سلم ہے ’’قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ و سلم اِذْ دُعِیَ اِلَی الْوَلِیْمَةِ فَلْیَاتِہَا‘‘ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا اگر تم میں سے کسی کو ولیمہ کی دعوت دی جائے تواس میں ضرور شرکت کرے(۲۰)۔ نیز فرمایا جو شخص دعوتِ ولیمہ بلاعذر قبول نہ کرے وہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی نافرمانی کیا(۲۱)۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے یہ بھی ارشاد فرمایا کہ ’’بدترین کھانا اس ولیمہ کا کھانا ہے جس میں فقط مالدار لوگوں کو بلایا جائے اور غریبوں کو نظر انداز کردیا جائے‘‘(۲۲)۔ عموماً ایسا کیا جاتا ہے۔ اس سے بچنا ضروری ہے ورنہ نکاح اور ولیمہ کی برکات و فیوضات سے محرومی یقینی ہے۔

مہر کی ادائیگی

          نکاح میں مہر کا ادا کرنا واجب ہے۔ مہر عورت کا شرعی حق ہے۔ مہر اس رقم کو کہا جاتا ہے جو مرد شادی کے پرمسرت موقع پر خوشی سے اپنی ہونے والی بیوی کو تحفہ کی شکل میں دیتا ہے۔ مہر اسلام کے سوا کسی مذہب یا قوم میں نہیں ہے۔ ارشاداتِ ربانی یوں ہیں ’’وَآتُوْا صَدَقٰتِہِنَّ نِحْلَةً‘‘ اور دے ڈالو عورتوں کو مہر ان کے خوشی سے(۲۳)۔ ’’وَآتُوْہُنَّ اُجُوْرَہُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ‘‘ بہترطریقے سے ان کے مہر ادا کرو(۲۴)۔
          آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے ایسے مرد کو جو مہر زیادہ سے زیادہ مقرر کرتا ہے اور پھر اسے نہ ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے نہ صرف گناہ گار بتایا ہے بلکہ زانی قرار دیا ہے۔ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے ’’اَیُّمَا رَجُلٍ تَزَوَّجَ اِمْرَأةً عَلٰی صَدَاقٍ وَلاَ یُرِیْدُ اَنْ یُعْطِیْہَا فَہُوَ زَانٍ‘‘ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ جو شخص کسی عورت سے مہر کے بدلے نکاح کرتا ہے مگر وہ اسے ادا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا ہے تو وہ زانی ہے(۲۵)۔ امام نووی رحمة اللہ علیہ نے مہر کو نکاح کا جز لاینفک قرار دیا ہے اور اس کے بغیر ازدواجی تعلقات کو نا جائز بتایا ہے(۲۶)۔
          مہر کی ادنیٰ رقم دس درہم یا اس کے بقدر قیمت ہے۔ قیمت کا اعتبار عقد کے وقت کا ہو گا ادائیگی کے وقت کا نہیں(۲۷) اور مہر میں زیادہ سے زیادہ کی کوئی تعیین نہیں ہے۔ شوہر کی حیثیت اور آمدنی پر انحصار ہے۔ اگر زیادہ مہر باندھتا ہے تو اسے ادا کرنا ضروری ہے۔مہر کی فوری ادائیگی مناسب اور مستحب ہے یا کچھ مدت کے بعد کا بھی جواز ہے۔ ان دونوں صورتوں کو اسلام کی اصطلاح میں اول الذکر کو مہر معجل کہا جاتاہے اور آخر الذکر کو مہر موٴجل کہتے ہیں۔ مہر کے تعلق سے مولانا محمد شہاب الدین ندوی رحمة اللہ علیہ لکھتے ہیں ’’مہر کے نام سے عورت کو جو تھوڑی بہت رقم ملتی ہے وہ اس کی خدمات کا پورا پورا صلہ تو نہیں ہوسکتی ہاں البتہ اس کی وحشت دور کرنے کی راہ میں ایک درجہ میں باعث اطمینان ہوسکتی ہے۔ شریعت نے اگرچہ کم سے کم مہر کی کوئی مقدار مقرر نہیں کی ہے مگر زیادہ کی حد بھی مقرر نہیں کی ہے۔ اس میں حکمت عملی یہ معلوم ہوتی ہے کہ مہر مرد کی مالی اور اقتصادی حالت کے مطابق ہو لہٰذا اگر کوئی صاحب حیثیت اپنی منکوحہ کو ہزاروں بلکہ لاکھوں روپئے بھی دے دے تو وہ جائز ہو گا قرآن میں ڈھیرسارا مال دینے کا تذکرہ بھی موجود ہے‘‘(۲۸)۔
          اس لئے مہرفاطمی بہت مناسب مہر ہے۔ اس کی مقدار چار سو مثقال چاندی ہے یعنی ایک کیلوسات سو گرام چاندی جس کی قیمت لگ بھگ بارہ ہزار روپئے ہوتی ہے(۲۹)۔ مہر نقد بھی ادا کیا جاسکتا ہے اور زیور کی شکل میں بھی دیا جاسکتا ہے(۳۰)۔ بیوی کی مرضی اور خواہش پر ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ارشاد سے بھی مہر میں اعتدال و توازن کا نکتہ سامنے آتا ہے ’’اے لوگو! عورتوں کے بھاری بھاری مہر نہ باندھنا اس لیے کہ اگر دنیا میں یہ کوئی شرف و عزت کی چیز ہوتی اور اللہ کی نگاہ میں اچھا فعل ہوتا تو اس کے سب سے زیادہ حقدار نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم تھے لیکن مجھے نہیں معلوم کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے بارہ اوقیہ سے زیادہ پر کسی عورت سے نکاح کیا ہے یا اپنی لڑکیوں میں سے کسی لڑکی کا نکاح کیا ہے‘‘(۳۱)۔
          ایک اوقیہ کی مقدار دس تولہ چاندی کے برابر ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے صرف اُم حبیبہ رضی اللہ عنہا کا مہر زیادہ باندھا تھا، اس لیے کہ ان کا مہر حبش کے بادشاہ نجاشی نے مقرر کردیا تھا(۳۲)۔ لوگ خاندانی شرافت و عزت کی بنا پر جھوٹی شان دکھانے کی خاطر بھاری بھاری مہر مقرر کردیتے ہیں اور ادا کرنے پر قادر نہیں ہوتے ہیں اس لئے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ایسا کرنے سے منع فرمایا ہے۔ ہاں اگر کوئی واقعی صاحب حیثیت ہے زیادہ سے زیادہ مہر ادا کرنے پر قدرت رکھتا ہے تو مضائقہ نہیں ہے۔
          آج برِصغیر ہندوپاک اور بنگلہ دیش میں مسلم گھرانے لڑکیوں کے سلسلے میں جوڑے جہیز اور بہت ساری رسومات کی بنا پر پریشان ہیں تواسلامی ممالک میں مسلم گھرانے لڑکیوں کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ مہر مقرر کر کے غیرضروری پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں خاص طور پر عرب ممالک میں جو جتنا زیادہ مہر باندھتا ہے اتنی جلدی نکاح کرسکتا ہے بسا اوقات نکاح کا انحصار مہر کے زیادہ مقرر ہونے پر ہے جس کی وجہ سے بہت سارے مرد شادی سے محروم ہیں۔
٭٭٭

حوالے و حواشی

(۱)     بخاری کتاب النکاح باب الترغیب فی النکاح۔
(۲)     مشکوٰة المصابیح کتاب النکاح۔
(۳)     الرعد: ۳۸۔
(۴)     ترمذی بحوالہ اسلامی معاشرہ،ص:۶۰ مولانا یوسف اصلاحی رحمة اللہ علیہ ۔
(۵)     بخاری کتاب النکاح باب قول النبی صلی اللہ علیہ و سلم مَنِ السْتَطَاعَ مِنْکُمْ ۔
(۶)     بخاری بحوالہ اسلامی معاشرہ،ص:۶۳ مولانا یوسف اصلاحی رحمة اللہ علیہ ۔
(۷)     اعراف:۱۸۹۔
(۸)     نکاح ایک اصلاحی تحریک،ص:۳۸ ڈاکٹراسراراحمد صاحب۔
(۹)     الروم: ۳۰۔
(۱۰)    الفرقان:۵۴۔
(۱۱)    النساء:۱۹۔
(۱۲)    ترمذی بحوالہ معارف الحدیث،ج:۷، ص:۲۰۔
(۱۳)    ابوداؤد بحوالہ معارف الحدیث،ج:۷،ص:۱۸۔
(۱۴)    ترمذی کتاب النکاح باب ما جاء فی اعلان النکاح ۔
(۱۵)    بحوالہ اسلامی نکاح، ص:۱۰ ، ناشر جمعیة شباب الاسلام۔
(۱۶)    بخاری کتاب النکاح باب ’’کیف یدعی للمتزوج‘‘
(۱۷)    ’’الفقہ علی المذاہب الاربعة‘‘ ج:۲، ص:۳۳ بحوالہ شادی کے شرعی اور غیر شرعی طریقے،ص:۳۰ شمس پیرزادہ رحمة اللہ علیہ ۔
(۱۸)    بخاری ۶/۱۴۰۔
(۱۹)    ابن ماجہ ۱/۶۱۶۔
(۲۰)    بخاری ومسلم۔
(۲۱)    بخاری کتاب النکاح باب حق الولیمہ والدعوة۔
(۲۲)    مسلم کتاب النکاح باب الامر باجابة الداعی الی الدعوة۔
(۲۳)    نساء: ۴۰۔
(۲۴)    نساء: ۲۵۔
(۲۵)    سنن کبریٰ ۷/۲۴۱۔
(۲۶)    اوجز المسالک، ج:۹ ،ص:۲۸۹۔
(۲۷)    ہدایة باب المہر۔
(۲۸)    بحوالہ نکاح کتنا آسان اور کتنا مشکل،ص:۳۰۔
(۲۹)    تحفة الاحوذی بشرح ترمذی،ج:۴، ص:۲۵۶۔
(۳۰)    شادی کے شرعی اور غیرشرعی طریقے ،ص:۲۴ شمس پیرزادہ رحمة اللہ علیہ ۔
(۳۱)    ترمذی بحوالہ حسنِ اخلاق دہلی اگست ۱۹۹۵،ص:۲۹۔
(۳۲)    عون المعبود،ج:۲، ص:۱۰۵۔

 
ضروریات دین ہرمسلمان کی پہچان ہے
 
مرتب: مولانا ابو عثمان میانوالوی
 
                                                                                         
          نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم ۔
کلمہ طیبہ: لآ الہ الاّ اللّٰہ محمّد رّسول اللّٰہ (پ۲۶ ع۶/۱۲)
کلمہ شہادت کا ترجمہ: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ ایک ہے اس کا کوئی شریک نہیں (ذات، صفات و حقوق میں) اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ و سلم اس کے (معزز) بندے اور (آخری) رسول صلی اللہ علیہ و سلم ہیں۔
استغفار: استغفر اللّٰہ ربّی من کلّ ذنب واتوب الیہ۔
          ترجمہ: میں اللہ سے ہر گناہ کی معافی چاہتا ہوں اور توبہ کرتا ہوں۔ (ایک تسبیح استغفار روزانہ پڑھنا سنت نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے)
متفقہ اذان سنت: وہی ہے جو اللہ اکبر سے شروع ہوتی اور لآ الٰہ الاّ اللّٰہ پر ختم ہوتی ہے۔ البتہ اہل سنت حکم نبوی کے مطابق اذان فجر میں الصّلوٰة خیرمّن النّوم اور امامیہ بحکم امام حی علی خیر العمل دو دو مرتبہ کہتے ہیں بقیہ اضافے قرآن و حدیث اور کسی فقہ میں نہیں ہیں۔
اہل بیت رضی اللہ عنہم پر افضل درود شریف یہ ہے:
          اللّٰہُمّ صلّ علی محمدنالنّبی الامّی وازواجہ امّہات الموٴمنین وذرّیتہ واہل بیتہ کما صلّیت علی ابراہیم و علی آل ابراہیم انّک حمید مّجید۔ (ابوداؤد)
          یہ وہی درود ہے جو فرشتوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے اہل بیت حضرت سارہ رضی اللہ عنہا پر پڑھا۔ کوئی بھی درود مسنون پڑھنے سے دس رحمتیں ملتی ہیں۔ دس گناہ معاف ہوتے ہیں اور دس درجے بلند ہوتے ہیں۔ قیامت کے دن آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا قرب اور شفاعت نصیب ہو گی۔
تسبیح فاطمی: ہر نماز کے بعد ۳۳ مرتبہ سبحان اللہ ۳۳ مرتبہ الحمد للہ اور ۳۴ مرتبہ اللہ اکبر پڑھے۔
ضروریات ایمان: اپنی مرضی سے تمام امور شرعیہ کا زبانی اقرار، دل سے تصدیق، حقائق غیبیہ کو ماننا، علم غیب کو خاصہ خداوندی جاننا، خدا سے خوف و امید رکھنا، اسے تمام کائنات کا خالق و مالک مختار رازق، کارساز معبود اور مستعان و رب ماننا، حلال و حرام کو قطعی ماننا، ایمان بسیط ہے۔ اعمال صالحہ اس کا نور حسن اور کمال ہیں۔ بغیر ایمان قبول نہیں اسلئے محدثین ان کو اجزاء ایمان کہتے ہیں۔
ایمانیات کے اصل عقائد تین ہیں
          (۱) توحید، (۲) رسالت، (۳) قیامت۔
توحید: اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں وہی دائمی زندہ اور کائنات کو سنبھالنے والا ہے۔ اسے نہ اونگھ آتی ہے نہ نیند۔ آسمان اور زمین کی ہر چیز اسی کی ہے۔ ایساکون ہے جو اس کی اجازت کے بغیر کسی کی سفارش کرسکے؟ وہی مخلوقات کے سب اگلے پچھلے حالات کو جانتا ہے۔ وہ سب کسی چیز کے متعلق خدا کے علم سے کچھ نہیں جان سکتے ہاں جتنا وہ چاہے (کسی کو بتا دے) اور اس کی کرسی اور اقتدار نے سب زمینوں اور آسمانوں کو اپنے قبضے میں لیا ہوا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کے لئے ان کی حفاظت کچھ بھی مشکل نہیں ہے۔ وہی عالی شان بڑی بزرگی والا ہے۔ (آیت الکرسی) جو ہر نماز کے بعد پڑھنا سنت ہے۔ ۲۔ بے شک اللہ کے پاس ہی قیامت کا علم ہے وہی بارش برساتا ہے۔ وہی جانتا ہے جو ماؤں کے پیٹ میں ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ اس نے کل کیا کرنا ہے اور کہاں مرے گا۔ بے شک اللہ ہی خوب جانتا ہے۔ (لقمان پارہ :۲۱ آخری آیت)

رسالت محمدی صلی اللہ عليہ و سلم

          ۱- آپ صلی اللہ علیہ و سلم کہہ دیجئے لوگو! میں تم سب کی طرف رسول بنا کر بھیجا گیا ہوں۔(پ۹/۱۰ع)
          ۲- ہم نے آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو سب جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا۔ (پ۱۷/۷ع)
          ۳- بابرکت ہے وہ ذات جس نے قرآن اپنے بندے پر اتارا تاکہ وہ تمام جہانوں کو ڈرائے۔ (پ۱۸/۱۷ع)
          ۴- اے نبی صلی اللہ علیہ و سلم ہم نے آپ کو گواہی دینے والا خوشخبری سنانے والا اللہ کی طرف بلانے والا ہدایت کا آفتاب عالمتاب بنا کر بھیجا ہے۔ (پ۲۲/۳ع)
          ۵- اللہ نے مومنین پر بہت بڑا احسان کیا کہ ایک عظیم پیغمبر ان میں ان کی قوم سے ہی کھڑا کر دیا جوان کو خدا کی آیات پڑھ کر سناتا ہے اور ان کو (کفر، شرک، نفاق، عیوب، گناہوں سے) پاک کرتا ہے اور ان کو قرآن و سنت کی تعلیم دیتا ہے اگرچہ وہ اس سے پہلے کھلی گمراہی میں تھے۔ (پ۴/۸ع)
روز جزاء یعنی قیامت (خدا جنت عطا کرے، دوزخ سے بچائے)
          ۱- اور جب زمین میں زلزلہ آئے گا اور وہ سب بوجھ (مردے) باہر نکال دے گی اس دن زمین اپنے حالات بتائے گی کیونکہ رب نے اسے وحی کی ہو گی اس دن لوگ گروہ در گروہ لوٹیں گے تاکہ ان کو اپنے اپنے اعمال دکھائے جائیں۔ پس جس نے ذرہ بھر نیکی کی ہو گی اسے دیکھ لے گا اور جس نے ذرہ برابر برائی کی ہو گی اسے دیکھ لے گا۔ (پ۳۰ زلزال)
          ۲- قیامت آ رہی ہے میں اسے مخفی رکھوں گا تاکہ ہر جی کو کمائی کا بدلہ دیا جائے۔ (پ۱۶/۱۰ع)
          ۳- کیا انسان کا گمان ہے کہ ہم اس کی ہڈیاں جمع نہ کریں گے کیوں نہیں ہم تو اس کے پور پور جمع کرنے پر قادر ہیں۔ (پ۲۹ قیامة)
          قبر قیامت کی پہلی منزل ہے اس میں سوال و جواب آرام و عذاب برحق ہے۔ جو دیکھا سنا نہیں جاسکتا گنہگار مسلمانوں کو نیکوں کی سفارش کا فائدہ جنت میں ہو گا اہل ایمان خدا تعالیٰ کی بے کیف زیارت کریں گے دوزخی ہمیشہ جلیں گے اللہ ہمیں بچائے۔

عقائد، اعمال، اخلاق

          نیکی صرف اتنی نہیں کہ اپنا منھ مشرق یا مغرب کی طرف کرو (نماز پڑھ لو) لیکن بڑی نیکی اس کی ہے جو اللہ پر یقین کرے اور قیامت کے دن پر یقین کرے، فرشتوں پر آسمانی کتابوں پر اور پیغمبروں پر یقین لائے، اور رشتہ داروں، یتیموں، محتاجوں، مسافروں اور مانگنے والوں کو محبوب مال دے اور قیدیوں کو چھڑانے میں، نماز کی پابندی کرنے میں اور زکوٰۃ دینے میں اچھی طرح کاربند رہتا ہو اور جو لوگ جب عہد کریں تواسے پورا کرنے والے ہوں تنگدستی اور بیماری کو برداشت کرنے والے ہوں جنگ و جہاد میں ڈٹے رہنے والے ہوں یہی لوگ تو سچے اور یہی لوگ تو متقی ہیں۔(پ۲/۶ع)
چار آسمانی کتابیں: (۱) توراة، (۲) انجیل، (۳) زبور، (۴) قرآن مقدس۔
چار مقرب فرشتے: (۱) جبرائیل، (۲) میکائیل، (۳) اسرافیل، (۴) عزرائیل۔

فرائض اسلام

      کلمہ توحید ورسالت کا زبان سے اقرار کرے، نماز پانچ اوقات میں پابندی سے پڑھے۔ (فجر، ظہر، عصر، مغرب، عشاء) نماز سب سے بڑی عبادت ہے کفر و اسلام میں بڑا فرق نماز سے ہے اور اس کو اگر ادا نہ کیا جائے تو سخت گناہ ہے۔
۳-   روزہ رمضان میں فرض ہے اور باقی نذر، کفارہ، قضاء کے روزے بھی ضرور رکھئے۔
۴-   زکوٰۃ ضروریات اصلیہ کے علاوہ بقدر نصاب بچت مال پر ۴۰/۱ اور بارانی زمین پر ۱۰/۱ اور آبی زمین پر ۲۰/۱ عشر نکالنا فرض ہے۔
۵-   حج صاحب استطاعت پر زندگی میں ایک بار حج فرض ہے۔ حج کیلئے جب گیا تو زیارت روضہ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ضرور کرے۔

واجبات اسلام

          جہاد، صدقہ فطر، بقر عید کی قربانی، ایفاء نذر، نماز عیدین،ایفاء عہد، پڑوسیوں سے اچھا سلوک، ماں باپ کا ادب، بیوی پر خاوند کی اطاعت و خدمت اچھے کاموں کا حکم دینا برے کاموں سے روکنا، اساتذہ اور بڑوں کی تعظیم کرنا، چھوٹوں پر شفقت کرنا، جائز کاموں میں حاکم کی اطاعت کرنا، سچ بولنا، حلال کھانا،اچھی طرح ملازمت کی پابندی کرنا، مشت برابر داڑھی رکھنا، ملک و قوم سے وفاداری کرنا، امانت کی حفاظت کرنا، سترعورت، پردہ، دعوت دین، حلال کمانا، حقوق العباد ادا کرنا وغیرہ۔ (نماز وتر بھی واجب ہے)

معاملات اہل اسلام

          مال وراثت کی شرعی تقسیم، نزاع میں جائز مقدمہ کرنا، اداء حقوق زوجین، امانتوں کی ادائیگی، لین دین میں درستی۔

آداب اسلام

          اچھے اخلاق، اچھی عادات، اچھی سیاست و حکومت، بہترین معاشرہ، پاکیزہ افکار، عمدہ تہذیب و تمدن۔

سنت ہائے نبوی صلی اللہ علیہ و سلم و اسلام

          مسواک، خوشبو، جماعت کے ساتھ نماز (۱۲ سنتیں) صفائی، ناخن تراشنا، سرمہ لگانا، غسل جمعہ و عیدین، شادی، نماز تہجد، اشراق، اوابین، نماز تراویح، یوم حج اور عاشورہ کا روزہ، اعتکاف رمضان، ہر تکلیف پر صدقہ کرنا، نماز اور خدا سے دعا اور ذکر کی کثرت درود شریف زیادہ پڑھنا، ہر جائز کام خدا کی امداد اور بسم اللہ سے شروع کرنا، شلوار یا چادر وغیرہ ٹخنوں سے اوپر رکھنا، لباس سنت کے مطابق پہننا، سرپر ٹوپی و عمامہ، پڑوسی یا غیر کی بہن، بیٹی کی حفاظت کرنا، دعوت دینا اور کھانا، حلال تجارت، جائز خرچ، صحیح مشورہ، مخلوقات کے ساتھ بھلائی، چھوٹوں سے پیار اور شفقت، بڑوں کا ادب، راز چھپانا، سلام، مصافحہ، بیمار پرسی، شرکت جنازہ، خیرخواہی مسلم، ہنسنا، مسکرانا، جائز دل لگی مزاح، علاج، سواری، نیکی کا بدلہ نیکی، برائی کی معافی، شادی و غمی میں سادگی، نیچی نگاہ، زبان ہاتھ پاؤں سے تکلیف نہ دینا، مہمان نوازی، رات کو جلدی سونا، صبح کو جلدی اٹھنا، پابند شرع، پیر کے ہاتھ پر بیعت کرنا، شرک و بدعت سے گریز کرنا، حسد، بغض، حرص، تکبر، حق تلفی سے نفرت، زیارت قبور سے موت کی یاد، بغیر رسم و ریا، میت کو ایصال ثواب اور دعاء مغفرت، ہر اچھے سنت کام پر خرچ کرنا، تنظیم بنانا، شریعت پر جمنا،مخالفت اور تکالیف برداشت کرنا، ظالم سے بائیکاٹ، مظلوم کی امداد، قرآن و سنت کا قانون بنوانا، امین ہونا، صنعت و حرفت، فوجی طاقت میں ٹیکنالوجی اور قومی ترقی میں کفار سے آگے بڑھنا وغیرہ۔ (فاستبقوا الخیرات)

خدا ورسول صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت اور اتباع

          محبت عظمت کا عکس ہے اور اس میں محبوب کی عادات اور مرغوبات کا خفیہ جال تنا ہوا ہے۔ محب ان سے نکل نہیں سکتا۔ ارشاد باری تعالیٰ: ’’ایمان والے سب سے زیادہ خدا سے محبت کرتے ہیں۔‘‘ (پ۲ع۴)
          ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم : (۱) ’’تم میں سے کوئی مومن نہیں ہوسکتا جب تک ’’میں‘‘ اسے والدین اور اولاد اور سب لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں‘‘ پھر اس کی نشانی اپنی سنت و اعمال کی اتباع بتائی۔ (۲) ’’جس نے میرے طریقے سے محبت کی دراصل اس نے مجھ سے محبت کی مجھ سے محبت و اتباع کرنے والا میرے ساتھ جنت میں ہو گا۔‘‘ اس لئے خدا اور رسول سے سچی محبت اور طلب جنت کا تقاضہ یہ ہے کہ ہم آپ کی شریعت کی اتباع میں تمام خواہشات کو قربان کر دیں۔ اور اصلی مومن بنیں۔ انگریز ی تہذیب کی غلامی، نقالی چھوڑ دیں، سیکولر نہ بنیں۔ ایک عربی شاعر کہتا ہے۔ ’’خدا اور رسول صلی اللہ علیہ و سلم کا نافرمان اور محبت کا دعویدار؟ یہ تو بے عقلی ہے اگر تو سچاہوتا تو تابعدار ہوتا۔ اس لئے کہ محب اپنے محبوب کا تابعدار ہوتا ہے۔‘‘ اسی لائن پر خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم، اہل بیت، صحابہ تابعین رحمة اللہ علیہم ، فقہا اور محدثین اور لاکھوں اولیاء کرام رحمة اللہ علیہم چلے ہیں۔

اسلامی حدود اور سزائیں

          (۱) قتل کا بدلہ قتل یا رضا مندی اور دیت۔ (۲) چور کا ہاتھ کاٹنا۔ (۳) ڈاکو کو قتل کیا مخالف سمت سے ہاتھ پاؤں کاٹنا۔ (۴) کنوارے زانی کو سو درے اور شادی شدہ کو سنگسار کرنا۔ (۵) شرابی اور تہمت لگانے والے کو اَسّی درے مارنا۔ (۶) مرتد کو تین دن بعد تائب نہ ہونے پر پھانسی دینا۔ ان سب سزاؤں کا ذکر قرآن و حدیث میں ہے۔ نہ ماننے والا یا ظلم کہنے والا ایمان سے محروم اور قابل سزا ہے۔
بڑے گناہ جو بغیر توبہ معاف نہیں ہوتے: قتل، زنا، چوری، ڈاکہ، تہمت زنا، ماں باپ اور خاوند کی نافرمانی، شرک، کفر، دین کی مذمت یا مذاق، علماء اور دین داروں کی توہین، سود کھانا، رشوت لینا، شراب پینا، خنزیر کھانا، جھوٹی گواہی، غیبت کرنا خصوصاً صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اولیاء اللہ رحمة اللہ علیہم کی، یتیم کا ناحق مال کھانا، ظلم، دھوکہ، فریب، جادو،جوا، لاٹری اور انعامی بانڈز کمانا، جہاد سے بھاگنا، کاہنوں سے غیب کی خبریں پوچھنا، مشت سے کم داڑھی کتروانا، کفار کی وضع قطع اور رسوم پسند کرنا، ماتم و بین کرنا، نوحہ کی مجالس قائم کرنا یا ان میں جانا، قبروں کا طواف کرنا اور ان سے مددیں مرادیں مانگنا، فرضی قبر یا روضہ بنانا، حصول مراد کے لئے غیر خدا کی منت ماننا، نیاز غیر کو کھانا، فلمیں، وی سی آر، ناچ گانے سننا دیکھنا، ملک و قوم سے غداری کرنا، قرآن وسنت یا خیر امت کی تصریحات کے خلاف مذہب و فرقہ بنا لینا، خدا و رسول کو ناراض کرنا۔

اللہ والے کون ہیں؟

          ’’خدا کے نیک بنے اس سے خوب ڈرتے ہیں وہ علماء ہیں۔‘‘ (پ۲۲) ’’اولیاء اللہ پر کوئی خوف و غم نہیں ہو گا۔ یہ وہ لوگ ہیں جو مومن و پرہیزگار ہیں۔‘‘(پ۱۱) اولیاء اللہ کی کرامات اور انبیاء کے معجزات برحق ہیں یہ سب مسلمانوں کا متفقہ عقیدہ ہے۔ ’’اللہ اور اس کے رسول کے تابعدار قیامت کے دن انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین کے ساتھ ہوں گے۔ جن کی رفاقت بہت اچھی اور فضل الٰہی ہے‘‘۔(پ۵/۶ع)

زیارت نبوی صلی اللہ علیہ و سلم سے مشرف مسلمان

          صحابی رضی اللہ عنہ کہلاتے ہیں۔ ان کا تین پاؤ غلہ صدقہ دینا ہمارے اُحد پہاڑ کے برابر سونا صدقہ کرنے سے افضل ہے۔ ان کے درجے اور مرتبے کو کوئی امام، ولی، غوث، و قطب نہیں پہنچ سکتا۔ خدا نے ان کو ’’صدیقین امت کے بہترین مومنین، متقین، جنت والے اپنے پیارے، ہدایت یافتہ، کافروں پر سخت آپس میں مہربان رکوع اور سجود میں مشغول خدا کے فضل کے متلاشی، ان کی نیک مثالیں توراة و انجیل میں مذکور، حضور علیہ الصلوٰة والسلام کا لہلہاتا ہوا تیار فصل، سدا بہار باغ اور ان پر جلنے والوں کو کفار بتایا ہے۔(پ۲۶/۱۲فتح) اس لئے ان سے محبت کرنا معیار حق و ہدایت ہے اور عادل ماننا واجب ہے۔ گلہ، غیبت کرنا حرام ہے۔ ’’خدا نے ان کی سیئات مٹا دیں اور حالت درست فرما دی‘‘۔ (پ۲۶ محمدآیت۲) ہم مومن تب ہوں گے کہ بناوٹی تاریخ میں ان کی غلطیوں سے درگزر کریں اور یہ دعا مانگا کریں کہ ’’اے اللہ ہمیں بخش دے اور ہمارے ان بھائیوں (مہاجرین و انصار اور مسلمانان فتح مکہ رضی اللہ عنہم ) کو بھی جو ہم سے پہلے مسلمان ہو چکے ہیں اور ہمارے دل میں ان مومنین کے متعلق کوئی کینہ دشمنی نہ رہنے دے۔ اے ہمارے رب تو بہت شفیق اور مہربان ہے۔ (پ۲۸/۲ع)

خلافت علی رضی اللہ عنہ برحق ہے

          فاتح خیبر شیر خدا امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہ کی خلافت، امامت پر بھی سب مسلمانوں کا اتفاق ہے۔ تمام مہاجرین و انصار رضی اللہ عنہم کی طرح حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ ، زبیر، ام المومنین سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا اور خال المومنین حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ بھی آپ کو خلیفہ مانتے ہیں۔ صرف یہ چاہتے تھے کہ آپ انہیں اپنے ماتحت امیر شام برقرار رکھیں اور قاتلوں سے بدلہ لے لیں۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے ان سب کو اپنے مومن بھائی بتلاتے ہوئے یہ اعلان نشر عام کیا۔ ’’ہمارا اور اہل شام کا ٹکراؤ ہو گیا حالانکہ کھلی بات ہے کہ ہمارا رب ایک ہے۔ نبی ایک ہے۔ دین ایک ہے۔ اسلام کی دعوت ایک ہے۔ ہم ان سے کسی چیز کا اضافہ نہیں چاہتے نہ وہ ہم سے کوئی چیز زائد مانگتے ہیں۔ الامر واحد اسلام اور ایمان کی ہر بات متفقہ اور مسلم ہے۔ سوائے اس کے کہ ہمارا بدلہ عثمان رضی اللہ عنہ میں اختلاف ہوا ہم ان کے الزام سے پاک ہیں۔(نہج البلاغہ) جب آپ کے ساتھیوں نے شامیوں کو برا کہا تو فرمایا: ’’برا نہ کہو تم بد گو نہیں ہو یہ دعا مانگو اے اللہ ہمارے اور ان کے خونوں کی حفاظت فرما۔ ہمارے اور ان کے درمیان صلح فرما اور ان کو ہدایت عطا فرما۔‘‘ چنانچہ ۳۸ھ میں صلح ہو گئی، دونوں بزرگ اپنے اپنے علاقوں میں خدمت اسلام بجا لاتے رہے۔ (تاریخ طبری) حتیٰ کہ ریحانہ رسول صلی اللہ علیہ و سلم جگر گوشہ بتول رضی اللہ عنہ امام حسن رضی اللہ عنہ نے ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم کے مطابق صلح و بیعت کر کے تمام مسلمانوں کو متحد کر دیا اور ۲۰ سالہ دور امن و خلافت میں لاتعداد فتوحات ہوئیں۔ اگر آج ہم سب مسلمان حسن المجتبیٰ رضی اللہ عنہ کی صلح و اتحاد کو اپنا نصب العین اور متفقہ پلیٹ فارم بنا لیں تو معاندین اسلام کو لوہے کے چنے چبواسکتے ہیں۔ (فانصرنا علی القوم الکافرین)

شخصیات اسلام

      ۵ سب سے افضل اولوالعزم پیغمبر: حضرت نوح، حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ، حضرت عیسیٰ، حضرت محمد علیہم الصلوٰة والسلام۔
      ۵ سب سے افضل ترین خواتین: حضرت آسیہ، مریم، فاطمہ، ام المومنین حضرت خدیجة الکبریٰ، حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا۔
      ۴ یار خلفائے راشدین: حضرت ابو بکر صدیق، عمر فاروق، عثمان غنی، حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالی عنہم۔
      ۶ بقیہ عشرہ مبشرہ بالجنہ: حضرت طلحہ، زبیر، عبدالرحمن، سعد ابن ابی وقاص، سعید، ابوعبیدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین۔ یہ دس بعد از انبیاء تمام صحابہ رضی اللہ عنہم سے افضل ہیں پھر تمام مہاجرین اور انصار میں سے تین سو تیرہ (۳۱۳) اہل بدر ۷۰۰ اہل اُحد، اہل خندق، ۱۵۰۰ اہل بیت رضوان، ۱۰ ہزار فاتحین مکہ اور بعد والے ہیں۔ خدا نے سب سے جنت کا وعدہ کیا ہے۔ وکلا وعد اللّٰہ الحسنی (پ۲۷/ع۱ سورہ حدید)

خلافت راشدہ کا قرآنی وعدہ

          تم میں سے اہل ایمان اور اعمال صالحہ والوں سے خدا کا وعدہ ہے۔ کہ یقیناً ان کو زمین پر جانشین نبوی بنائے گا جیسے کہ پہلوں کو بنایا تھا اور اپنے پسندیدہ دین پر ان کو پختہ اقتدار دے گا ان کے خوف کو امن سے بدلے گا وہ میری ہی عبادت کریں گے میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں گے۔ جو لوگ اس کے بعد ان کا انکار کریں گے وہ فاسق (دین سے خارج) ہیں۔(پ۱۸/۱۳ع)
          پوری تاریخ گواہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے بعد متصل جو خلیفے ہوئے تو وہی قرآنی وعدہ کا مصداق اور برحق خلیفہ ہیں۔
یہ محبوب سرور یہ مقبول داور
ابوبکر و فاروق و عثمان و حیدر
یہ تزئین مسجد یہ تنویر منبر
بڑا ان کا رتبہ ہے اللہ اکبر
یہ معراج ایمان کے ہیں چار زینے
یہ چاروں ہیں تاج شرف کے نگینے
مجلیٰ ہیں انوار سے جن کے سینے
سنوارا ہے جن کو جمال نبی نے
      اقرباء رسول صلی اللہ عليہ و سلم جن سے محبت واجب، دشمنی حرام ہے۔ چار آل عباء رسول صلی اللہ علیہ و سلم حضرت حسن رضی اللہ عنہ ، حضرت حسین رضی اللہ عنہ ، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا ، علی مرتضیٰ رضی اللہ عنہ (مسلم از عائشہ) چادر میں لے کر خاص دعا فرمائی۔ اس حدیث کے مطابق اہل بیت نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہیں۔
      ۴ بنات طاہرات: حضرت زینب رضی اللہ عنہا ، حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا ، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا ، حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا (وبناتک پ۲۲)
      ۴ ننھے صاحبزادے: قاسم، طیب، طاہر، ابراہیم۔
      ۴ ننھے نواسے: حسن رضی اللہ عنہ ، حسین رضی اللہ عنہ ، علی بن زینب رضی اللہ عنہ ، عبداللہ ابن رقیہ رضی اللہ عنہ ۔
      ۴ آباء و اجداد: عبداللہ، عبدالمطلب، ہاشم، عبد مناف۔
      ۳ بہترین داماد: حضرت ابوالعاص بن ربیع رضی اللہ عنہ ، (حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے بھانجے) حضرت عثمان رضی اللہ عنہ ، حضرت علی رضی اللہ عنہ ۔
      ۲ مومن چچے : سید الشہداء حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ ، حضرت عباس رضی اللہ عنہ ۔
      ۲ مومن پھوپھیاں: حضرت صفیہ رضی اللہ عنہا ، حضرت عاتکہ رضی اللہ عنہا ۔
      ۲ محسن و مربی چچے : ابوطالب اور زبیر بن عبدالمطلب۔
      ۲ بہترین خسر اور جنتی بزرگوں کے سردار: حضرت ابوبکر صدیق، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہما۔ (آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: لوگو میرے بعد ابوبکر و عمر کی پیروی کرنا) ترمذی۔
      ۲ جنتی نوجوانوں کے سردار: امام حسن رضی اللہ عنہ و حسین رضی اللہ عنہ ۔
     ایک سیّدالسادات حضرت حسن رضی اللہ عنہ : فرمان نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے۔ یہ ہے میرا بیٹا سردار اللہ اس کے ذریعے مسلمانوں کی دو بڑی جماعتوں میں صلح کروائے گا۔ (بخاری)
      ایک ہادی: ہدایت یافتہ معاویہ رضی اللہ عنہ اے اللہ! اس کے ذریعے ہدایت دے (ترمذی)
      ایک خاتون جنت: سیّدة النساء حضرت فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا۔
      ایک ماموں: سعد ابن ابی وقاص (فاتح ایران)
          ایک سفر ہجرت میں گر کر شہید مظلوم سب سے افضل بیٹی حضرت زینب رضی اللہ عنہا (زوجہ ابوالعاص رضی اللہ عنہ )
      گیارہ ازواج مطہرات: جو بنص قرآنی امہات المومنین و اہل بیت نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہیں۔ فضیلت و تقویٰ میں کوئی خاتون ان جیسی نہیں۔ (احزاب پ۲۲/۱ع)
      بارہ امام اہل بیت: حضرت علی رضی اللہ عنہ ، حسن رضی اللہ عنہ ، حسین رضی اللہ عنہ ، زین العابدین، محمد باقر، جعفر صادق، موسیٰ کاظم، علی رضا، محمد تقی، علی نقی، حسن عسکری، مہدی منتظر رحمہم اللہ کبار اولیاء اللہ ہیں۔ فرقہ خاصہ صرف انہی کو پیشوائے دین مانتا ہے۔
      چار امام فقہ: امام اعظم ابوحنیفہ رحمة اللہ علیہ ، مالک رحمة اللہ علیہ ، احمد رحمة اللہ علیہ ، شافعی رحمة اللہ علیہ ۔
      ۶ امام حدیث: امام بخاری، مسلم، ابوداؤد، ترمذی، نسائی، ابن ماجہ رحمہم اللہ۔
      ۴ مرجع صوفیاء پیر: حضرت عبدالقادر جیلانی، حضرت بہاؤالدین نقشبندی، حضرت معین الدین چشتی، حضرت شہاب الدین سہروردی رحمہم اللہ تعالیٰ۔
      دس مشاہیر اولیاء کرام جن سے لاکھوں افراد فیض یافتہ ہوئے اور مسلمان ہوئے۔ حضرت داتا گنج بخش، معین الدین اجمیری، بابا فرید گنج شکر، شاہ شمس تبریز، جلال الدین رومی، بہاؤالدین زکریا، مجدد الف ثانی، فریدالدین عطار، نظام الدین اولیاء، سلطان باہو رحمہم اللہ تعالیٰ۔
      دس اکابر علماء و صوفیاء: حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمة اللہ علیہ آپ کے چار بیٹے شاہ عبدالعزیز رحمة اللہ علیہ ، شاہ رفیع الدین رحمة اللہ علیہ ، شاہ عبدالقادر رحمة اللہ علیہ ، شاہ عبدالغنی رحمة اللہ علیہ والد (شاہ اسماعیل شہید رحمة اللہ علیہ )، مرزا مظہر جان جاناں رحمة اللہ علیہ ، حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمة اللہ علیہ ، سید احمد شہید فریلوی رحمة اللہ علیہ ، مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمة اللہ علیہ ۔
          صلی اللہ تعالی علی حبیبہ خیر خلقہ محمد و آلہ و اصحابہ و ازواجہ و جمیع امۃ اجمعین۔
 

              
محرم الحرام تاریخ کے آئینے میں
 
 
محمد ابُو سفیان حسینی ، پاکستان
 
         
          ہمارا نظریہ دینِ اسلام ہے اس کی بنیاد علاقائیت ، وطنیت ، نسل پرستی یا زبان نہیں ہے، بلکہ ہمارا دین اسلام یہ نہ صرف مذہب ہے بلکہ ضابطہ حیات ہے، ہر قوم کا کوئی نہ کوئی کیلنڈر رہا ہے۔ یہودیوں کا سن ۳۷۰۰ق م سے شروع ہوتا ہے، عیسوی سن کی ابتداء حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت سے ہوتی ہے، اس طرح بکرمی سن کی ابتداء مہاراجہ بکر ما جیت کو ساکھا قوم پر فتح حاصل ہونے کے واقعے سے ہوتی ہے، اس طرح سن ہجری حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے سفرِ ہجرتِ مدینہ کی یاد دلاتا ہے ۔ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کا یہ سفر آٹھ ربیع الاول کو ہوا۔ جو عیسوی سن کے مطابق ۲۰ستمبر ۶۲۲/ کا واقعہ ہے، یہیں سے اسلامی سال کی ابتداء ہوتی ہے، جس کو سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے اپنے دورِ خلافت میں نافذ کیا اور اسی سال یکم محرم الحرام سے اسلامی سن کی ابتداء کی گئی۔گو یا پہلے اسلام صدی کی ابتداء اور آغاز ۱۶جولائی ۶۲۲/ کو ہوا۔ اس امر میں بھی ایک عجیب حکمت پنہاں ہے کہ جب پہلی اسلامی صدی کی ابتداء ہوئی تو یکم محرم الحرام کو جمعہ کا دن تھا۔

قمری تقویم اور اس کے فوائد

          اگر ہم سن ہجر ی کا دوسرے مروجہ سنین سے تقابل کر کے دیکھیں۔ تو یہ سن بہت سی باتوں میں دوسروں سے منفرد و ممتاز نظر آتا ہے۔ سن ہجری کی ابتداء چاند کو بنایا گیا۔اور اسلامی مہینوں کا تعلق چاند سے جوڑا گیا۔ یہ تقدیم خالق کی بنائی چیزسے تعلق رکھتی ہے ۔ اس میں کسی پیوند کاری کی کوئی ضرورت نہیں ۔ اسلام چونکہ سادہ ، عجزوانکساری والا آسان مذہب ہے (لاکراہ فی الدین)۔۔۔ لہٰذا چاند کے ذریعے ہر علاقہ کے لوگ خواہ پہاڑوں میں رہتے ہوں یا کہ جنگلوں میں ۔۔۔ خواہ جزیروں میں ۔ ان کے لئے آسان ہے کہ اپنے معاملات چاند کے مطابق طے کریں۔ اس میں کوئی مشکل و پیچیدگی نہیں۔پڑھے لکھے اور اَن پڑھ سب آسانی سے حساب کر سکتے ہیں۔ اس کے برعکس دیگر تقویمیں ہر آدمی آسانی سے معلوم نہیں کر سکتا۔ جبکہ چاند ہر جگہ نکلتا ہے۔کسی مشکل حساب کتاب کی ضرورت نہیں۔ جبکہ دوسری تاریخوں میں یہ بات نہیں۔ اسلام چوں کہ دینِ فطرت اور عدل و انصاف کا دین ہے ۔ اس میں مساوات و ہمہ گیری ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے یہی پسند فرمایا۔کہ اسلامی مہینے ادلتے بدلتے آیا کریں۔ لہٰذا قمری تقویم کو بنیاد قرار دیا گیا۔اگر اسلام دیگر اقوام کے طریق کو اپنا لیتا یا گوارہ کر لیتا جیسے شمسی(عیسوی) تقویم تو ماہ صیام کسی ایک مقام پر ہمیشہ ایک ہی موسم میں آیا کرتا جس کا لازمی نتیجہ یہی نکلتا کہ نصف دنیا کے مسلمان جہاں موسم سرد اور دن چھوٹے ہوتے ہمیشہ آسانی میں رہتے ۔ اسی طرح سفرِ حج کا بھی یہی حال رہتا۔

محرم الحرام اور تاریخ انسانیت

          طلوع اسلام سے قبل بھی تاریخِ انسانیت کے بے شمار واقعات محرم الحرام میں رونما ہوئے ۔ یہ واقعات محض اتفاقی یا حادثاتی نہ تھے۔ بلکہ قسام ِ ازل کا اٹل فیصلہ تھا جو ہونا تھا اور ہو کر رہا۔ ذیل میں چند اُن واقعات کا تذکرہ کرتے ہیں جو محرم الحرام میں ظہور پذیر ہوئے:
          (۱)     اس ماہ میں کائنات کی تخلیق ہوئی۔
          (۲)     حضرت آدم علیہ السلام پیدا ہوئے۔
           (۳)    حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی۔
          (۴)     حضرت آدم علیہ السلام کو خلافت کا تاج پہنایا گیا (انی جاعل فی الارض خلیفہ)
          (۵)     سیدنا ادریس علیہ السلام کو درجات عالیہ عطا ہوئے۔
          (۶)     کشتی نوح علیہ السلام وادی جودی پہ ٹھہری۔
          (۷)     سیدنا ابراہیم علیہ السلام کو منصب و مقام خلیل سے سرفراز فرمایا گیا۔
          (۸)     سیدنا یوسف علیہ السلام صدیق اللہ کو جیل سے رہائی ملی۔
          (۹)     سیدنا یعقوب علیہ السلام کی بینائی لوٹائی گئی۔
          (۱۰)    سیدنا یونس علیہ السلام کو مچھلی کے پیٹ سے رہائی ملی۔
          (۱۱)    فرعون غرقِ نیل ہوا اور موسیٰ علیہ السلام کلیم اللہ کو کامیابی عطا ہوئی۔
          (۱۲)    سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کو آسمان پر زندہ اُٹھایا گیا۔
          (۱۳)    اس روز قیامت آئے گی۔
          (۱۴)    اسی ماہ یوم عاشورہ کو اہلِ مکہ خانہ کعبہ پر غلاف چڑھاتے تھے اور اس دن کو یوم الزینتہ کہتے تھے۔
          (۱۵)    اسی ماہ امام الانبیاء خاتم المعصومین سیدنا محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی ولادت سے چند سال قبل ابرہہ بیت اللہ پر حملہ کی نیت سے نکلا ۔ تو اللہ نے ابا بیلوں کا لشکر بھیج کر اسے تباہ و برباد کر دیا۔

محرم الحرام اور تاریخ اسلام

          ذیل میں ہم تاریخ اسلام کے اُن واقعات پر طائرانہ نظر ڈالتے ہیں جو محرم میں رونما ہوئے:
          (۱)     شعب ابی طالب کی محصوری جو یکم محرم ۴ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ۔
          (۲)     نکاح سیدہ فاطمہ الزہرہ رضی اللہ عنہا بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ہمراہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ ۲ ہجری۔
          (۳)     غزوہ غطفان ۳ ہجری۔
          (۴)     نکاح سیدہ اُم کلثوم رضی اللہ عنہا بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ہمراہ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ ۔
          (۵)     سلاطین عالم کو دعوت اسلام ۷ہجری۔
           (۶)    غزوہ خیبر ۷ ہجری۔
          (۷)     وفد اشعرین کا قبول اسلام ۷ ہجری۔
          (۸)     نکاح ام المومنین سیدہ صفیہ رضی اللہ عنہا ہمراہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ۔
          (۹)     غزوہ وادی القریٰ ۷ ہجری۔
          (۱۰)    عام الوفود ۹ ہجری۔
          (۱۱)    تقرر عاملین زکوٰۃ۹ ہجری۔
          (۱۲)    طاعونِ عمواس ۱۸ہجری۔
          (۱۳)    امارتِ سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ ۱۹ہجری۔
          (۱۴)    خلافت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ یکم محرم ۲۴ہجری۔
          (۱۵)    فتح قبرص ۲۸ ہجری۔
          (۱۶)    خلافت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ ۳۴ ہجری۔
          (۱۷)    جنگ صفین ۳۷ ہجری۔
          (۱۸)    فتوحات افریقہ ۴۵ہجری۔
          (۱۹)    ابو مسلم کاخراسان پر قبضہ۱۳۱ ہجری۔
          (۲۰)    بنو اُمیہ کا قتلِ عام ۱۳۳ہجری۔
          (۲۱)    قیصر روم کی شکست۱۳۸ ہجری۔
          (۲۲)    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ و سلم کی توسیع ۱۶۱ ہجری۔
          (۲۳) مصر پر عیسائیوں کا قبضہ ۳۰۹ ہجری۔
          (۲۴)    نوحہ ماتم کی ابتداء ۳۵۲ ہجری۔
          (۲۵)    ہلاکو نے بغداد کو تاراج کیا۲۵۲ہجری۔
          (۲۶)    حکومت شیر شاہ سوری رحمة اللہ علیہ ۹۴۷ہجری۔
          (۲۷)    دارالعلوم دیوبند کا قیام ۱۵/ محرم ۲۸۳اہجری۔
          (۲۸)    کعبة اللہ پر بے ادب ٹولے کا حملہ ۱۴۰۰ہجری۔
          (۲۹)    صدر ضیا ء الحق رحمة اللہ علیہ کی شہادت اور حکومت کا خاتمہ ۱۴۰۹ھ۔
          (۳۰)    بے نظیر کی پہلی حکومت کا تختہ اُلٹا ۴۱۱ا ھ۔
          (۳۱)    نواز شریف کو حکومت سے فارغ کیا گیا۔
          (۳۲) یوم فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کی چھٹی منظور کی گئی یکم محرم ۱۴۱۵ ھ

برصغیر کی ماہ محرم میں پیدا ہونے والی چند علمی شخصیات

          (۱)     امام انقلاب مولانا عبیدا للہ سندھی رحمة اللہ علیہ مدفون دین پور۔
          (۲)     شیخ الحدیث مولانا عبدالحق اکوڑہ خٹک۔
          (۳)     شیخ الادب مولانا محمد اعزاز علی رحمة اللہ علیہ مدرس دارلعلوم دیو بند۔
          (۴)     حافظ الحدیث مولانا عبداللہ درخواستی رحمة اللہ علیہ مدفون دین پور۔
          (۵)     مفتی عبدالحکیم سکھروی رحمة اللہ علیہ ۔

 ماہ محرم الحرام میں وفات یا شہادت پانے والی چند شخصیات

          (۱)     سیدنا ابو عبیدہ بن الجراح رضی اللہ عنہ ۔
          (۲)     شہادتِ دامادِ علی، سیدنا عمر فاروق -رضی اللہ عنہما- ۔
          (۳)     شہادت سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ ۔
          (۴)     سیدنا عبدالرحمن ،بن ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہما ۔
          (۵)     سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہما ۔
          (۶)     اُم المومنین سیدہ جویریہ رضی اللہ عنہا ۔
          (۷)     سیدنا سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہما ۔
          (۸)     شہادت ِسیدنا حسین ابن علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہما ۔
          (۹)     سیدنا عبداللہ بن عمر فاروق رضی اللہ عنہما ۔
          (۱۰)    حضرت یوسف بن تاشقین رحمة اللہ علیہ ۔
          (۱۱)    حضرت بابا فرید گنج شکر رحمة اللہ علیہ ۔
          (۱۲)    مرزا مظہر جانِ جاناں رحمة اللہ علیہ ۔
          (۱۳)    علامہ انور شاہ کشمیری رحمة اللہ علیہ ۔
          (۱۴)    مولانا سید اصغیر حسین رحمة اللہ علیہ ۔
          (۱۵)    شہید ملت لیاقت علی خان رحمة اللہ علیہ ۔
          (۱۶)    مولانا محمد احمد تھانوی رحمة اللہ علیہ ۔
          (۱۷)    سید منیر احمد شہید رحمة اللہ علیہ ۔
          (۸ا)     شہادتِ سید منظور شاہ ہمدانی رحمة اللہ علیہ ۔
٭٭٭

 
سلاطین ہند کے عہد میں غیرمسلموں کی شرعی حیثیت
 
 
محمد شمیم اختر قاسمی                     
ریسرچ اسکالر شعبہ سنی دینیات           
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ      
 

 
          نور نبوت کی شعاعیں غار حرا سے چمکیں تو اس کا عکس سرزمین ہند پر بھی پڑا، اور پہلی صدی ہجری ہی میں نہ صرف مسلمان ہندوستان میں مقیم و آباد ہونے لگے، بلکہ یہاں باقاعدہ طریقے سے مسلمانوں کی حکومت قائم ہو گئی، اس طرح سندھ و نواحی سندھ حکومت اسلامیہ کا ایک حصہ بن گیا۔ یہ الگ بات ہے کہ محمد بن قاسم(۱) کی طرح کسی اور عرب فاتح نے یہاں حکومت نہیں کی تاہم مرکز سے اس کا تعلق کبھی بھی منقطع نہ ہوا۔ اور برابر بلکہ متواتر عرب ولاة یہاں آتے جاتے رہے۔ محمد بن قاسم کے بعد محمود غزنوی(۲) نے یہاں دوبارہ مسلمانوں کی حکومت قائم کرنے کی کوشش کی اور سندھ و ملتان اور پنجاب وغیرہ کے علاقے کو اپنے زیر نگیں کیا۔ اور متعدد حملوں کے ذریعہ دہلی کے اکناف و اطراف تک کی زمین کو نعرۂ تکبیر سے بلند کیا۔ مگر ان کے انتقال کے بعداس خاندان کے دیگر حکمرانوں نے وہ کامیابی دکھانے میں کمزور ثابت ہوئے جس طرح محمود غزنوی نے یہاں کارہائے نمایاں انجام دئیے تھے۔ اس کے بعد شہاب الدین غوری(۳) نے ہندوستان پر منظم حملہ کیا اور متعدد علاقوں کو فتح کر کے مسلم سلطنت سے جوڑا۔ یہاں تک کہ اسی کے غلام قطب الدین ایبک(۴) باضابطہ طریقے سے ہندوستان میں مسلم حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے جس کا پایہ تخت دہلی قرار پایا۔ اس کے بعد سے لے کر انگریزی حکومت کے قائم ہونے تک پورا ہندوستان مسلمانوں کے قبضہ و تصرف میں رہا اور مسلم حکمراں اپنی رعایا کی خوش حالی اور ترقی کے لیے برابر کوشاں رہے۔ ان کی رعایا میں نہ صرف مسلمان تھے جو یا تو باہر سے آئے تھے، یا یہاں کی پیداوار تھے بلکہ ہندو، سکھ، عیسائی ، پارسی اور دوسرے لوگ بھی تھے۔ جنھیں مسلمانوں کی طرح کلی آزادی حاصل تھی اور حکومت میں بھی ان کا عمل دخل تھا اور اونچے عہدوں پر فائز تھے۔ اب چوں کہ مسلم حکومت میں یا تو صرف مسلمان مقیم و آباد ہوں گے،یا پھر اور دوسرے لوگ بھی ہوں گے جن کی شرعی حیثیت کا تعین ضروری ہے کہ وہ مسلمانوں کی زیر نگرانی کس حیثیت سے رہیں گے،اور انہیں یہاں رہنے کا اختیار ہے یا نہیں۔ اور اگر وہ رہیں گے تو وہ کس حساب سے اور کس قاعدہ کلیہ کے تحت سلطنت اسلامیہ کو ٹیکس ادا کریں گے۔ چنانچہ پیش نظر مضمون میں انہی چیزوں پر قرآن و حدیث اور فقہ کی روشنی میں بحث کی گئی اور غیرمسلموں کی شرعی حیثیت متعین کی گئی ہے۔ تاکہ ان اعتراضات و شبہات کا ازالہ ہوسکے جو یہ کہتے ہیں کہ اسلام نے غیرمسلموں کے جان و مال، عزت و آبرو کا خیال نہیں رکھا اور ان کے حقوق کی پامالی کا حکم دیا ہے جس کے پیش نظر مسلم فرمانرواؤں نے غیرمسلموں کے ساتھ نا منصفانہ سلوک کیا ہے۔
 
ذمی اور معاہد کواسلامی مملکت میں کیا حقوق حاصل ہوں گے

          جس کسی نئے علاقے یا ملک کو فتح کر کے مسلمان اس پر اپنا قبضہ و اقتدار حاصل کرے تو مفتوحین میں سے جو لوگ مسلمانوں کی حکومت تسلیم کر کے یہاں رہنا چاہیں اور عہد کریں کہ وہ مملکت اسلامیہ کے خلاف بغاوت، سرکشی اور کسی سازش میں ملوث نہ ہوں گے تو اب حکومت اسلامیہ کے لیے ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ ان مفتوحین اور معاہدین کو ذمی کی حیثیت سے تسلیم کر کے اس کے جان و مال اور عزت و آبرو کی بالکل اسی طرح حفاظت کرے جس طرح وہ مملکت میں مقیم و موجود مسلمان رعایا کی محافظت کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ البتہ ایسے مفتوحین اور معاہدین سے اسلامی حکومت کچھ سالانہ ٹیکس (جزیہ) وصول کرنے کا حق رکھتی ہے۔ یہ ٹیکس انہی لوگوں سے حاصل کیے جائیں گے جو فوجی خدمت کے قابل ہوں گے۔ عورت، بوڑھے، بچے، لونڈی، غلام اور مذہبی خدام اس کلیہ سے مستثنیٰ قرار دئیے جائیں گے(۵)۔ ٹیکس کی وصولی میں ذمی کی مالی حیثیت کا بہرصورت خیال رکھا جائے گا(۶)۔ اس رقم کی ادائیگی کے بعد اہل ذمہ سے نہ صرف فوجی خدمات ساقط ہو جائیں گے، بلکہ وہ اپنے سماجی اور عائلی معاملات میں بھی اسلامی قانون کے پابند نہ ہوں گے(۷)۔ مگر وہ مسلم علاقوں میں کوئی نئی مذہبی عبادت گاہ اپنی مرضی سے تعمیر نہیں کرسکتے(۸)۔ البتہ پرانے معابد اور خستہ مذہبی مقامات کی دوبارہ تعمیر اور جدید کاری کرسکتے ہیں(۹)۔ انہیں مسلم علاقوں میں رہتے ہوئے اس امر کو ملحوظ رکھنا ہو گا کہ وہ ایسے امور انجام دینے سے پرہیز کریں جس سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہو اور ان کے مذہبی معتقدات کو ٹھیس لگتی ہو(۱۰)۔ ان باتوں کے باوجود اگر وہ اپنی مرضی سے اپنے نزاعی معاملات کے حل کے لیے شرعی عدالت سے رجوع کریں تو فیصلہ شرع کے مطابق ہی کیا جائے گا(۱۱)۔ اگر شخصی قانون سے تعلق رکھنے والے کسی معاملہ میں ایک فریق ہندو اور دوسرا مسلمان ہوتوایسی صورت میں بھی فیصلہ اسلامی شریعت کے مطابق ہو گا(۱۲)۔ لیکن کسی معاہد یا مفتوحین کو بلاوجہ کسی مسلمان نے قتل کر دیا تو اس کے عوض قاتل کا بھی سرقلم کیا جائے گا اور اگر مقتول کے ورثا اپنی مرضی سے معاوضہ لے کر یا بلا معاوضہ معاف کر دے تو قاتل بری ہو جائے گا(۱۳)۔ اسی طرح کوئی مسلمان بغیرکسی اہم سبب کے معاہد سے معاہدہ نہیں توڑسکتا جب تک کہ فریق ثانی کی رضامندی نہ ہو۔ معاہدہ خواہ اہل کتاب سے کیا جائے یا مشرکوں سے(۱۴)۔
 
غیرمسلموں کی شرعی حیثیت کا مسئلہ ہندوستانی تناظر میں

          مذکورہ فقہی تصریحات کی روشنی میں سلاطین ہند کے عہد میں غیرمسلموں کی شرعی حیثیت کے تعین کے سلسلے میں غور کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ عہد اموی میں حجاج بن یوسف کے ایما پر محمد بن قاسم نے ہندوستان پر منظم اور کامیاب حملہ کر کے سندھ کو اسلامی قلم رو میں شامل کیا۔ جس کی بنا پر یہاں کے ہنود نے مسلمانوں کی ماتحتی قبول کر کے سندھ ہی میں رہنا گوارا کیا۔ چنانچہ اس وقت پہلی مرتبہ یہ مسئلہ درپیش ہوا کہ یہاں کے ہنود کی شرعی حیثیت کیا ہو گی اور انہیں کس حد تک اور کہاں تک آزادانہ زندگی بسر کرنے کی اجازت ہو گی۔
          یہ بات متحقق ہے کہ محمد بن قاسم نے یہاں کے باشندے جو بدھ اور برہمنی مت سے تعلق رکھتے تھے کو ذمی کا درجہ دے کر ان سے سالانہ جزیہ وصول کیا۔ جس کی وجہ سے وہ اپنے مذہب پر قائم رہے اور اپنے سماجی اور عائلی معاملات میں بھی سلطنت کے شرعی قوانین سے بری کر دئیے گئے۔ انھوں نے اپنے مندروں میں عبادت اور پوجا پاٹ کرنے کے ساتھ ساتھ بعض قدیم اور خستہ عبادت گاہوں کی تعمیر و مرمت کی(۱۵)۔
          تاریخی شہادتوں سے پتہ چلتا ہے کہ جب محمد بن قاسم نے سندھ پر اقتدار حاصل کیا تو برابر ان کی مراسلت حجاج بن یوسف سے قائم رہی، اور ہر تیسرے روز حجاج کے پاس خط بھیجنے اور ان کی طرف سے جواب ملنے کی صراحت موجود ہے(۱۶)۔ اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ محمد بن قاسم نے اپنے پہلے حملہ میں کامیابی کے بعد یہاں کے ہنود کی شرعی حیثیت معلوم کرنے کے لیے تفصیلات حجاج بن یوسف کو بھیجی ہوں گی، کیوں کہ ہندوؤں کے ہاں الہامی کتاب کے فقدان کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا ہو گا کہ یہاں کے لوگ اہل کتاب ہیں یا شبہ اہل کتاب، یا مشرک۔ لہٰذا یہ بات بعید از قیاس نہیں کہ حجاج نے علماء وقت سے رجوع کرنے کے بعد محمد بن قاسم کو اطلاع دی ہو گی کہ انہیں شبہ اہل کتاب کے زمرے میں شامل کر کے ہرقسم کی آزادی اور ان سے سالانہ جزیہ وصول کیا(۱۷)۔ جیسا کہ پروفیسر ظفرالاسلام اصلاحی رقم طراز ہیں:
’’ہندوستان کے بعض علماء اور جدید دانشوروں نے ہندوستان کے ذمیوں کو شبہ اہل کتاب کے زمرے میں رکھا۔ جب کہ قدیم ماخذ سے اسکی کوئی وضاحت نہیں ہوتی، لیکن ذمیوں کے منادر کے سلسلے میں محمد بن قاسم کا جو اعلامیہ رہا اس سے صاف واضح ہوتا ہے جو چچ نامہ میں مذکور ہے کہ ہندوؤں کی عبادت گاہوں کی وہی حیثیت ہے جو شام و عراق کے یہودیوں اور عیسائیوں کی عبادت گاہوں کی ہے(۱۸)۔‘‘
 
اہل کتاب سے جزیہ لینا قرآنی فیصلہ اور مجوس سے جزیہ لینا حدیث سے ثابت ہے

          اہل کتاب سے جزیہ وصول کرنے کا حکم قرآن سے ثابت ہے جبکہ مجوسیوں سے جزیہ کی وصولی کے سلسلے میں قرآن میں کوئی صراحت نہیں ملتی۔ لیکن رسول خدا نے مجوسیوں سے جزیہ وصول کیا۔ جس کا ثبوت یہ ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے ہجر کے مجوسیوں کو تحریری صورت میں اسلام کی دعوت دی، جس میں تحریر تھا کہ جو شخص اسلام لے آئے گا اس کا اسلام قبول کیا جائے گا اور جو نہیں قبول کرے گا اس پر جزیہ لگایا جائے گا۔ نیز اس کا ذبیحہ نہیں کھایا جائے گا، نہ اس کی عورتوں سے نکاح کیا جائے گا۔ اسی حکم کو پیش نظر رکھ کر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے مجوسیوں سے جزیہ وصول کیا تھا، اور جس کی گواہی حضرت عبدالرحمن بن عوف نے دی تھی۔
 
فقہائے اسلام نے کن لوگوں کو ذمی قرار دیا ہے؟

          اسلام کے علاوہ دوسرے بہت سے قدیم و جدید مذاہب ہیں جن کے ماننے والوں کی خاصی تعداد ہے، جن میں یہودیت،نصرانیت، مجوسیت، بدھ ازم، جین ازم اور ہندو ازم وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ان میں بعض مذاہب کی وضاحت کتاب و سنت اور فقہاء کرام کی تصریحات سے ہوتی ہیں کہ فلاں فلاں مذاہب اہل کتاب ہیں۔ البتہ کچھ دوسرے مذاہب کے متعلق کوئی تفصیل نہیں ملتی کہ ان کی حیثیت کیا ہے۔ چنانچہ فقہائے کرام نے ایسے مذاہب کے متعلق جو تفصیلات بیان کی ہیں اس کی روشنی میں ہندوؤں کی شرعی حیثیت کا تعین بہ آسانی کیا جاسکتا ہے، جس کی روشنی میں سلاطین ہند نے غیرمسلموں کو حقوق عطا کیے۔
          امام ابوحنیفہ(۱۹) کے علاوہ امام احمد کے ایک قول کے مطابق اہل کتاب (یہود و نصاریٰ) کے علاوہ مشرکین و کفار کو ذمی قرار دیا جائے گا۔ البتہ مشرکین عرب اس سے مستثنیٰ ہوں گے جن کے لیے قرآن میں اسلام اور تلوار کے علاوہ تیسری صورت نہیں(۲۰)۔ امام مالک(۲۱) کے نزدیک عرب اور غیر عرب کو بھی ذمی کا درجہ دیا جائے گا(۲۲)۔ اہل کتاب اور مجوسی کو ہی ذمی کی حیثیت حاصل ہو گی امام شافعی(۲۳) کے مسلک کے مطابق(۲۴)۔
 
جزیہ کن لوگوں سے وصول کیا جائے گا؟

          اسی کے ساتھ جن ذمیوں سے جزیہ وصول کیا جائے گا اس سلسلے میں بھی فقہاء کا اختلاف پایا جاتا ہے۔ امام ابوحنیفہ کے نزدیک جزیہ اہل کتاب سے وصول کیا جائے گا خواہ وہ عرب ہوں یا عجم، اور عجم کے مشرکوں سے بھی لیا جائے گا چاہے وہ مجوسی ہوں یا بت پرست، البتہ مرتدوں سے نہیں لیا جائیگا(۲۵)۔ امام ابویوسف(۲۶) کا قول ہے کہ عرب سے بالکل جزیہ نہیں لیا جائیگا، اہل کتاب ہوں یا مشرک، جزیہ صرف عجمیوں سے لیا جائیگا، اہل کتاب سے بھی اور مشرکوں سے بھی(۲۷)۔
          امام اوزاعی(۲۸) کے نزدیک ہر کافر سے جزیہ لیا جائے گا، خواہ وہ عرب ہوں یا عجمی کتابی یاکوئی اور ۔ ہاں مرتدوں سے اور قریش کے مشرکوں سے نہیں لیا جائے گا(۲۹)۔ امام شافعی کے بقول جزیہ مذہب کی بنیاد پر ہے، شخصیت کی بنیاد پر نہیں ہے، لہٰذا صرف اہل کتاب سے جزیہ لیا جائے گا خواہ وہ عربی ہوں یا عجمی، بت پرستوں سے بالکل نہیں لیا جائے گا۔ امام شافعی کے نزدیک مجوسی اہل کتاب ہیں(۳۰)۔
          جن لوگوں نے اہل عرب سے جزیہ وصول کرنے کی صراحت کی ہے اس کی حکمت بیان کرتے ہوئے امام ابن تیمیہ(۳۱) نے لکھا ہے کہ اہل کتاب اور مجوس سے اس وقت تک مقاتلہ کرنے کا حکم واجب ہے جب تک کہ وہ مسلمان نہ ہو جائیں یا جزیہ دینا قبول نہ کریں۔ ان کے سوا جو دوسرے ۔۔۔ ہیں ان سے جزیہ قبول کرنے کے متعلق علماء میں اختلاف ہے لیکن عام فقہاء مشرکین عرب سے جزیہ قبول کرنا روا نہیں رکھتے، بعض فرقے ایسے ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو اسلام کی طرف منسوب کرتے ہیں،لیکن بعض ان شرائع کو جو بالکل ظاہر اور متواتر ہیں منکر ہیں۔ ان کے خلاف بھی باتفاق مسلمین اس وقت تک جہاد واجب ہے جب تک کہ تمام دین اللہ ہی کا نہ ہو جائے۔ چنانچہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے مانعین زکوٰۃ سے جہاد کیا تھا، ابتدا میں بعض صحابہ کو ان کے قتال میں توقف تھا، لیکن آخر میں سب متفق ہو گئے۔(۳۲)
 
محمد بن قاسم کے عہد میں ہندوؤں کی جو شرعی حیثیت متعین کی گئی وہ بعد کے عہد میں بھی برقرار رہی

          شبہ اہل کتاب کے زمرے میں یہاں کے ہنود کو شامل کر کے محمد بن قاسم کے عہد میں غیرمسلموں کی شرعی حیثیت متعین کی گئی اور انہیں ذمی کا درجہ دیا گیا۔ چنانچہ غیرمسلموں کی یہی حیثیت بعد کے عہد میں بھی برقرار رہی۔ مگر جب التمش(۳۳) کا زمانہ حکومت آیا اور فقہ نے زور پکڑا تو نئے نئے مسائل درپیش اور مدون ہوئے تو علمائے وقت نے اس مسئلہ کو ابھارا کہ یہاں کے ہندوؤں کی شرعی حیثیت کیا ہو؟ ایک طبقہ انہیں اہل ذمہ کے حقوق دئیے جانے کے حق میں نہ تھا اور ان کے ساتھ اما الاسلام اور اما القتل کے اصول پر عمل کرنے پر مصر تھے، کیوں کہ وہ اہل کتاب نہیں ہیں۔ جبکہ دوسرے علماء کی رائے اس کے برعکس تھی۔ جب یہ مسئلہ بادشاہ کے سامنے پیش ہوا تو بادشاہ نے اول الذکر طبقہ کی اس رائے سے اتفاق نہ کرتے ہوئے غیرمسلموں کو سابقہ حیثیت پر برقرار رکھا اور اپنے وزیر نظام الملک جنیدی(۳۴) سے کہا کہ ان علماء کو یہ جواب دیں کہ اس وقت مذکورہ اصول پر عمل نہیں کیا جاسکتا کیوں کہ:
’’ابھی ابھی ہندوستان فتح ہوا ہے،اس وقت مسلمانوں کا تناسب بس اس قدر ہے کہ جیسے آٹے میں نمک۔ اس صورت میں اگراس اصول پر عمل کیا گیا تو یہ ممکن ہے کہ ہندو متحد ہو جائیں اور ملک میں فساد برپا کر دیں گے اور ہماری طاقت کمزور ہے، اس لیے ہم ان پر قابو نہیں پاسکیں گے، لیکن جب ذرا وقت گذر جائے گا اور مسلمان ہر جگہ پہنچ جائیں گے اور آباد ہو جائیں گے اور لشکروں کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا تو ہم ہندوؤں کے ساتھ یہی معاملہ کریں گے‘‘۔(۳۵)
          یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ امام ابوحنیفہ کے نزدیک مشرکین و کفار کو بھی ذمی کا درجہ دیا جائے گا، جب کہ شافعی کے یہاں ایسا نہیں ہے اور جن علماء نے عہد التمش میں اس مسئلہ کو ابھارا وہ اسی آخرالذکر مسلک سے تعلق رکھتے تھے، جن میں ایک عالم دین سید مبارک(۳۶) غزنوی بھی تھے۔ چوں کہ بادشاہ وقت کا تعلق حنفی مسلک سے تھا، لہٰذا اس نے امام ابوحنیفہ کے قول پر عمل کر کے اسے ذمی کا درجہ دیا اور چوں کہ علماء وفد کی باتوں کا انکار بھی نہیں کیا جاسکتا تھا لہٰذا انہیں مذکورہ جواب دے کر خاموش کر دیا گیا۔ اس وقت سے لے کر بعد کے عہد میں بھی ہندوؤں کی یہی حیثیت برقرار رہی جیساکہ محمد بن قاسم کے عہد میں تھی۔ چنانچہ پروفیسر ظفرالاسلام اصلاحی لکھتے ہیں:
’’سندھ میں محمد بن قاسم کی حکومت کے دوران ہندوؤں کی جو قانونی حیثیت قانونی و عملی طور پر تسلیم کی گئی تھی وہی تیرہویں صدی عیسوی کی ابتدا میں دہلی سلطنت کے قیام کے بعد بھی برقرار رہی جیسا کہ اس زمانہ کی تاریخی کتب اور سرکاری دستاویز سے واضح ثبوت ملتا ہے۔‘‘(۳۷)
 
ہندوستان میں انبیاء و رسل کے بعثت کا امکان

          قرآنی تصریحات کے مطابق ہر قوم و ملت میں نبی اور رسول بھیجے گئے، تاکہ ان کی زبان اور ان کے مزاج کے مطابق خدا کا پیغام پہنچائیں اور سمجھائیں تاکہ وہ برائیوں اور غلط کاموں سے اجتناب کریں اور اللہ کی رضا حاصل کریں۔ اس اعزاز سے ہندوستان کو محروم کرنے کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔ یہی وجہ ہے کہ بعد کے عہد میں علماء کی ایک بڑی تعداد نے وضاحت کی ہے کہ ہندوستان میں بھی خدا کے فرستادہ آئے ہیں جنھوں نے احکام الٰہی کی تبلیغ کی۔ حضرت مجدد الف ثانی(۳۸) کی یہی رائے ہے۔ حضرت مرزا مظہر جان جاناں(۳۹) نے نبی کی آمد کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ہندوؤں میں وید الہامی کتاب ہے جو برہما فرشتے کے ذریعہ بھیجی گئی ہے۔ شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی(۴۰) کا بھی یہی خیال ہے۔ بانی دارالعلوم دیوبند مولانا محمد قاسم نانوتوی(۴۱) کا مسلک اس سلسلے میں اتنا محتاط تھا کہ وہ رام چندر جی اور کرشن جی کی شان میں گستاخی کو منع فرماتے تھے؛ کیوں کہ ان کے خیال میں ان کے رسول ہونے کا امکان ہے(۴۲)۔ مولانا مناظراحسن گیلانی(۴۳) نے لکھا ہے کہ ہندوستان میں نبی و رسول کے وجود سے انکار نہیں کیا جاسکتا(۴۴)۔ شاہ عبدالرحمن چشتی نے متعدد حوالوں سے ثابت کیا ہے کہ ہندو دھرم اور سماج میں نبی و رسول کی بعثت کا تصور ہے(۴۵)۔ حضرت تھانوی(۴۷) اور شیخ الحدیث مولانا زکریا(۴۸) کی رائے میں یہاں نبی و رسول کے مبعوث ہونے کے واضح اشارے ملتے ہیں(۴۹)۔ عبدالرزاق ہانسوی، مولانا عبدالباری فرنگی محلی، جناب اجمل خاں، سید اخلاق دہلوی، شمس نوید عثمانی وغیرہ کی یہی رائے ہے(۵۰)۔ قاضی ثناء اللہ پانی پتی(۵۱) کی تفسیر کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں نبی ورسول آئے کیوں کہ وید میں نبی آخرالزماں کے مبعوث ہونے کی شہادت ملتی ہے۔ چنانچہ وہ لکھتے ہیں:
میں کہتا ہوں کہ اگر مجوسیوں کے اسلاف کا اہل کتاب ہونا ان مجوسیوں کے اہل کتاب قرار دینے کیلئے کافی ہے تو ہمارے زمانہ کے ہندو بت پرست بھی اہل کتاب ہو جائیں گے۔ ان کے پاس بھی وید نام کی ایک کتاب ہے، جس کے چار حصے ہیں، اور ان کا دعویٰ ہے کہ یہ خدائی کتاب ہے، پھر ان کے اکثر اصول بھی شرعی اصول کے موافق ہیں اور جن اصولوں میں اختلاف ہے وہ شیطانی آمیزش کا نتیجہ ہے۔ جس طرح شیطانی تفرقہ اندازی سے مسلمانوں کی جماعت پھٹ کر بہتر فرقے بن گئی۔ ہندوؤں کے اہل کتاب ہونے کی تائید قرآن سے بھی ہو رہی ہے۔ اللہ نے فرمایا وان من امة الاخلا فیہا نذیر ہر امت میں کوئی نہ کوئی پیغمبر ضرور گزرا ہے۔ مجوسیوں سے تو ہندو اہل کتاب کہلانے کے زیادہ مستحق ہیں۔ مجوسیوں کے بادشاہ نے تو نشہ سے بدمست ہو کر اپنی بہن سے زنا کی اور اپنے دین و کتاب کو چھوڑ دیا اور دین آدم کا مدعی بن بیٹھا، مگر ہندوؤں نے ایسی کوئی حرکت نہیں کی، البتہ رسول اللہ کی رسالت کا انکار کرنے کی وجہ سے کافر ہو گئے۔ مجھ سے بیان کیا گیا ہے کہ چوتھے وید میں رسول اللہ کی بعثت کی بشارت مذکور ہے جسکو پڑھ کر ہندو مسلمان ہو گئے۔‘‘(۵۲)
          مذکورہ اقتباس میں شامل آیت قرآنی کی تفسیر و توضیح بیان کرتے ہوئے مولانا سید اخلاق حسین دہلوی لکھتے ہیں کہ:
’’اس بیان سے یہ مستفاد ہے کہ اگر کوئی قوم یا امت کسی کتاب کے خدائی کتاب ہونے کا دعویٰ کرتی ہے جیسا کہ مجوس و صائبین تو یہ کہہ کر کہ قرآن پاک میں اس کا نام نہیں ہے،اسے رد نہیں کیا جاسکتا۔ اس لیے کہ جنہیں قرآن پاک کا علم ہے وہ جانتے ہیں کہ قرآن پاک میں سب ہی آسمانی یا خدائی کتابوں کے نام نہیں ہیں۔ اس لیے کہ قرآن پاک فہرست کتب نہیں ہے، البتہ قرآن پاک میں سابقہ تین آسمانی کتابوں کے نام واضح طور پر ہیں جو اس عہد میں معروف و مروج تھیں، چوتھا نام خود قرآن پاک کا ہے۔ ان کے علاوہ سابقہ آسمانی کتابوں کا ذکر مجملاً ہے، جیسے الزبر والکتاب المنیر وصحف الاولٰی ، بہرحال جن کتابوں کو بعض قومیں آسمانی کتاب مانتی ہیں تو ان کے متنوں کے مطالعہ سے روشنی حاصل کی جاسکتی ہے کہ اگر وہ توحیدی ہدایات سے اور تصور آخرت سے مزین ہیں اور طاغوتی لغویات سے فی نفسہ مبرا ہیں تو ان کا آسمانی کتابیں ہونا اقرب از یقین ہے۔ البتہ تحریف و الحاق کو مسترد قرار دینا ہو گا جو آسمانی کتاب میں لاحق ہوتا رہا ہے، لیکن فی نفسہ انکار نہیں کیا جائے گا، کیوں کہ ہمیں یہ ہدایات بھی نہیں ہے کہ ہم انکار ہی کریں تسلیم نہ کریں، اس لیے خد ما صفا و دع ما کدر پر عمل کرنا ہو گا اور توحید و تصور آخرت کی عظمت کو ملحوظ رکھنا ہو گا۔‘‘(۵۳)
          اسی طرح مولانا ابوالکلام(۵۴) آزاد نے لکھا ہے کہ اگر مجوسی و صائبی کو اہل کتاب کے زمرے میں شامل کیا جاسکتا ہے تو ہندو بدرجہ اولیٰ اس میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔ اگر مجوسیوں کے پاس زنداوستا خدائی کتاب کا دعویٰ ہے جسے وہ پڑھتے پڑھاتے ہیں تو ہندوؤں کے ہاں بھی اس قسم کی کتابیں موجود ہونے کا امکان ہے اور یہ باتیں وہی کہہ سکتا ہے جنہیں ان کے حالات کا گہرا علم ہے۔(۵۵)
          ان باتوں کے علاوہ مسنداحمد کی حدیث سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ دنیا میں انسانوں کی ہدایت کے لیے ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء و رسل بھیجے گئے(۵۶)، جن میں کچھ کی وضاحت قرآن میں موجود ہے، جبکہ بیشتر کے متعلق کوئی صراحت نہیں ملتی۔ اس سے بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ غیرمسلموں میں نبی و رسول کا امکان ہے۔
          یہ تمام تصریحات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ ہندوستان میں انبیاء و رسل مبعوث ہوئے۔ لیکن ان آرا سے کلی طور پر اتفاق اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کہ کوئی واضح دلیل سامنے نہ آ جائے، لیکن علماء کی رائے کی روشنی میں یہ فیصلہ ضرور کیا جاسکتا ہے کہ مسلم حکومت کے قیام کے ابتدائی زمانہ میں انہی تصریحات کی روشنی میں معاصر علماء و فقہائے ہندوستان کے غیرمسلموں کو شبہ اہل کتاب کے زمرے میں شامل کر کے ان کی شرعی حیثیت متعین کی جس پر محمد بن قاسم اور بعد کے سلاطین نے عمل کیا۔                          (جاری)
٭٭٭ 

 
 
کیا ہند و عرب دوستی ’’مسلم تشٹی کرن‘‘ ہے؟
 
 
ڈاکٹر ایم اجمل فاروقی   
۱۵- گاندھی روڈ، دہرہ دون
 
 
        ۱۳/نومبر ۲۰۰۶/ کونئی دہلی میں منعقدہ ہند، عرب تعلقات: ترقی میں ’’پارٹنرشپ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم نے بتایا کہ اس وقت ۳۵ لاکھ سے زیادہ ہندوستانی عرب ملکوں میں کام کر رہے ہیں جو سالانہ ۲۴/ارب ڈالر اپنے وطن بھیجتے ہیں۔ ان ممالک کو ہندوستان سے جانے والے سامان کی مالیت سالانہ ۱۷/ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ (راشٹریہ سہارا ۔ ۱۴/۱۱/۲۰۰۶/)
        اس کے علاوہ وزیر موصوف نے عرب اور ہندوستان کے درمیان روایتی، قدیم مذہبی، تہذیبی رشتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عرب نے دنیا کو ایک عظیم تہذیبی سرمایہ دیا ہے اور ہندوستان بھی اس سے مستفید ہوا ہے۔ ان اعداد و شمار کی روشنی میں دیکھا جائے تو ہر کس و ناکس سمجھ سکتا ہے کہ یہ اعداد و شمار پوری طرح مادّی لحاظ سے بھی ہمارے ملک کے حق میں ہیں۔ ہمارے غریب مزدور، کسان، کم ہنرمند افراد، ہنرمند افراد ۳۵ لاکھ کی تعداد میں وہاں رہ رہے ہیں تو یقیناً ان سے ہندوستان کے کیرالہ سے لے کر آسام اور کشمیر و گڑھوال تک کروڑوں خاندان اور وہ بھی غریب خاندان عزت کی زندگی گذار پا رہے ہیں۔ انھوں نے مفلوک الحالی اور بھکمری کے عذاب کے بعد خوشحالی اور شکم سیری کی نعمتوں کا مزہ پایا ہے۔ اس موقع پر خاص بات جس پر دھیان دیا جانا ضروری ہے وہ یہ کہ امریکہ، یوروپ اور دیگر ممالک میں صرف اعلیٰ تعلیم یافتہ اور بہت مال دار افراد کے لئے ہی روزگار میسر ہے جب کہ عام غریب اور ان پڑھ انسان کو روٹی روزی انہیں عرب ممالک میں میسر ہے۔ مگر افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے حکمراں طبقہ کی اکثریت چونکہ نسل پرستی کے فلسفہ کو ہی مذہب سمجھتی ہے اس لئے وہ اسلام اور مسلمانوں سے جڑی ہر چیز اور ایشو کو مشکوک اور زیادہ سادہ الفاظ میں دیش بھکتی کے خلاف ثابت کرنے پر اتارو رہتی ہیں۔ ہند و عرب دوستی کو بھی ایک طرح سے مسلمانوں کی خوشامد ’’تشٹی کرن‘‘ کے زمرہ میں رکھ کر باقاعدہ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔ عربوں سے جڑی ہر خبر کو سیاہ عینک چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ مگر وہیں پرنسل پرست اور غاصب ریاست اسرائیل کے بڑے سے بڑے عیب اور جرم کو شیر مادر کی طرح ہضم کر لیا جاتا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں اسرائیلی سیاح راجستھان، گوا اور اترانچل وغیرہ میں آتے ہیں اور انتہائی فحش اور عریاں حرکتیں و مناظر پیش کرتے ہیں نشہ اور ادویہ کے استعمال خصوصاً گانجہ کے تو اتنے عادی ہیں کہ وہاں کی حکومت کو رشی کیش (اترانچل) میں ایک عمارت کرایہ پر لے کر خصوصاً اسرائیلی مذہبی شخصیات کو بلایا جا رہا ہے تاکہ وہ انہیں ان فحش حرکات سے روکیں۔ راجستھان سے اُن کی بے حیائی اور عریانی کے مظاہر پر بہت ہنگامہ ہو چکا ہے۔ وہ واقعہ بھی بہت پرانا نہیں ہے کہ ایک اسرائیلی خاتون نے برہنہ ہو کر مندر میں شادی کی اور بازار میں بھی گھومی اور اس پر مقامی عدالت میں مقدمہ بھی چلا۔ مگر ہمارے نسل پرست میڈیا نے اس کو وہ رنگ اور کوریج نہیں دیا جو وہ کسی اکا دکا عرب کی عیاشیوں کو دیتے ہیں۔ ہمارے حکومت کے وزراء اور مسلم دشمن سیاستداں تو ہر سال میں کئی بار وہاں ’’کھیتی باڑی کے گر‘‘ سیکھنے جاتے ہیں۔ گجرات میں تو پوری اسمبلی کو سرکاری خرچ پر اسرائیل لے جانے کی ریاستی سرکار کی دعوت ہے۔ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے بڑے مرکزی وزیر اور سابق وزیر دفاع بھی وہاں کئی بار زراعت کے گر سیکھنے وہاں جاتے رہے ہیں۔ اور یہی وہ ریاستیں ہیں جہاں فرقہ وارانہ فسادات کا مسئلہ بہت سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ فرقہ وارانہ تعلقات پر بھی منفی اثر ہو رہا ہے۔
        سپریم کورٹ آف انڈیا کے معزز ایڈوکیٹ ڈاکٹر نفیس احمد صدیقی ایڈوکیٹ نے بجا طور پر اپنے ایک حالیہ خط میں سوال اٹھایا ہے کہ ہندوستان میں بہت سی بیرونی خفیہ ایجنسیوں کو کام کرنے کی چھوٹ ملی ہوئی ہے کیا وہ ہندوستان میں سیکورٹی کے سنگین حالات پیدا کرنے کے لئے سازشیں نہیں رچ سکتیں؟ ہندوستان میں سیکورٹی کے حالات خراب ہونے کا سیدھا فائدہ ان ممالک کو ہی پہنچتا ہے جو ہندوستان کو اسلحہ کی سپلائی کرتے ہیں۔ اور ان ممالک میں امریکہ، روس، اور اسرائیل ہی تین ایسے ملک ہیں۔ اسلحہ کی صنعت ان تینوں ممالک بلکہ دیگر یوروپی ممالک خصوصاً برطانیہ اور فرانس وغیرہ کیلئے بھی بہت اہم ہیں۔ اور اسلحہ کی تجارت میں جتنا بڑا کمیشن ہتھیار خریدنے والے ممالک کو ملتا ہے وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ بوفورس کی مثال تو پرانی ہے حال کے دنوں میں ہر اک میزائیل میں کمیشن کے مسئلہ پر ہمارے یہاں بہت ہنگامہ ہوا ہے جانچ چل رہی ہے۔ مگر یہ طے ہے کہ کمیشن دیا گیا اور باوجود موجودہ صدر جمہوریہ کی عدم سفارش کے یہ میزائیل خریدے گئے۔ اربوں ڈالر کے سامان کی کمیشن بھی کروڑوں ڈالروں میں تو ہوتی ہی ہو گی۔ ۱۲/ دسمبر کو پارلیمنٹ کی کمیٹی نے انکشاف کیا کہ بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لئے منگائی گئی (ہنگامی خریداری کی بنیاد پر) مشینوں کی خریداری میں ملک کو ایک ارب روپیہ کا چپت لگا۔ مگر یہ دیش دروہ نہیں ہے؟
        اسرائیل کی ایک تاریخ رہی رہے سازشوں اور قتل و غارت گری کی اور تاریخ میں اس کی تمام مثالیں موجود ہیں کہ وہ دشمن سے کس طرح سے عیارانہ جنگ کرتے ہیں اور مفاد کے حصول میں کس طرح آگے جاسکتے ہیں؟
        (۱) ۸/اکتوبر ۲۰۰۳/ کو ایجنسیوں کے حوالہ سے خبر شائع ہوئی کہ ۱۹۹۹-۱۹۹۸/ میں انسداد دہشت گردی کا آپریشن اسرائیلی اینٹلی جنس کے تعاون سے FBI کے آفس سے جاری کیا گیا۔ یہ چال اس وقت چلی گئی جب بل کلنٹن اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن کے لئے ثالثی کی کوشش کر رہے تھے۔ اس وقت کی اٹارنی جنرل جینیٹ رفیو نے اسے تسلیم کیا تھا۔ FBI نے پہلی بار اس سازش کو تسلیم کیا لیکن وہ کبھی بھی عدالت نہیں پہنچی۔ اس آپریشن کے دوران اسرائیل اور FBI نے ہزاروں ڈالرحماس کے لیڈروں کو بھیجے تاکہ وہ اِس سے اسلحہ خرید کر کچھ بھی کارروائی کریں اور نتیجتاً کلنٹن کی ثالثی کی کوشش ناکام ہو جائے۔ ایری زونا کے ایک تاجر ہیری ایلن نے گواہی دی کہ FBI کے Kenneth Welliams کینتھ ولیمس نے کہا کہ وہ یہ رقم حماس کی کسی شخصیت کو پہنچائے۔ کلنٹن کے مشیر ینیٹر برجر نے کہا کہ وہائٹ ہاؤس کو ان حرکتوں کے بارے میں لاعلم رکھا گیا۔ یہ ساری معلومات عدالتی ریکارڈ اور گواہوں کے بیانات سے ماخوذ ہیں جو کہ واشنگٹن سے ایجنسیوں کے حوالہ سے ۸/اکتوبر ۲۰۰۳/ کو شائع ہوا۔
        (۲) ۲۴/ جنوری ۲۰۰۶/ کو واشنگٹن سے ہی خبر ہے کہ ’’امریکہ نے دہشت گرد تنظیم الفتح کو ۲۰ لاکھ ڈالر دئیے۔ نیویارک ٹائمس نے مشرقی یروشلم کے تعینات امریکی تجارتی سفارت خانہ کے مکالا سوئیر بلہم کے حوالے سے بتایا کہ اس پوری رقم کا استعمال حماس کو شکست دینے کے لئے کیا جائے گا۔ ایک دوسرے اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ U.S.A.I.D بظاہر فلاحی تنظیم فلسطین میں مختلف پروگراموں میں ۲۰ لاکھ ڈالر خرچ کر رہی ہے۔ (شاہ ٹائمس ۲۴/۱۲/۲۰۰۶/)
        (۳) ۲۳/نومبر ۲۰۰۶/ کو لندن میں سابق کے، جی، بی کرنل الیگزینڈر لتوینینکو کو ریڈیو تابکاری مادہ پلونیم ۲۱۰ کے ذریعے ہلاک کر دیا گیا۔ کرنل موصوف نے اپنے انتقال سے پہلے ایک کتاب Blowing up Russia - Tenor from within میں اپنے سابق خفیہ ادارہ کی کالی کرتوتوں کے بارے میں بتایا کہ ۱۹۹۹/ میں ماسکو کی عمارتوں میں جو دھماکہ ہوئے تھے اور جس میں ۸۰۰ افراد ہلاک ہوئے تھے اور ۲۰۰۲/ میں ماسکو تھیٹر میں جو لوگوں کو یرغمال بنایا گیاتھا یہ دونوں حرکتیں روس کے ایجنٹوں نے کروائی تھیں۔ روس میں ہونے والے ان واقعات کا مقصد مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنا اور چیچنیا کے خلاف فوجی کارروائی کا جواز حاصل کرنا تھا۔ (راشٹریہ سہارا، ۱۴/۱۲/۲۰۰۶/)
        اسکالر فار نائن الیون ٹرتھ Scholars for 9/11 truth نام کی ویب سائٹ جو کہ ۷۰ ممتاز سائنسداں اور اعلیٰ پروفیسروں کی نگرانی میں چلتی ہے نے بتایا اِن حملوں کے پیچھے وہائٹ ہاؤس میں جنگ کے حامی تھے۔ جن کا مقصد افغانستان اور عراق کے خلاف جنگ اور مشرق وسطیٰ میں تیل کے ذخیروں پر قبضہ کرنا تھا۔ اس گروپ کا استدلال ہے کہ جڑواں ٹاور دو طیاروں کے ٹکرانے سے مسمار نہیں ہوسکتے تھے۔ کیوں کہ طیارے کے تہول سے درجہ حرارت اتنا نہیں بڑھ سکتا تھا کہ اس سے فولاد پگھل جائے۔ اِن ٹاورز کو مسمار کرنے کے لئے دھماکہ کئے گئے تھے۔ ’’المنار‘‘ نیوز چینل نے واقعہ کے ۶ روز بعد اطلاع دی تھی کہ یہ یہودیوں کی کارستانی تھی ورنہ حملہ والے دن ۴ ہزار یہودی ایک ساتھ چھٹی پر کیسے تھے؟ (ایجنسیاں ۔ راشٹریہ سہارا، ۱۵/۹/۲۰۰۶/)
ہندوستان کے تناظر میں دیکھیں تو گجرات فسادات میں یہ خفیہ ہاتھ صاف طور پر نظر آتا ہے۔ فساد کے فوراً بعد کئی آزاد ذرائع نے بتایا کہ بلڈنگوں میں آگ لگانے کے لئے مخصوص دھماکہ خیز پاؤڈر استعمال کیا گیا تھا۔ پھر یہ خبر تصدیق شدہ ہو گئی جب حکومت نے اعتراف کیا کہ ہمارے پاس یہ پاؤڈر تھا جو زلزلہ کے دوران لاشوں کو جلانے کے لئے اسرائیل سے آیا تھا۔ اور یہی پاؤڈر فسادات میں استعمال ہوا۔
بابری مسجد انہدام سے متعلق الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ میں ایک رِٹ مسلم فورم برائے قومی یکجہتی کے صدر اقبال قریشی نے دائر کی ہے ۔ جس میں انھوں نے وشو ہندو پریشد کی رام مندر تحریک کے پیچھے غیرملکی سازش بتائی تھی۔ رٹ میں کہا گیا ہے کہ ۶/دسمبر ۱۹۹۲/ سے کچھ پہلے کلیان سنگھ وزیر اعلیٰ یوپی کے نجی سکریٹری ہرپیندر مشرا کی قیادت میں اجودھیا، کاشی،متھرا کے خفیہ دورے کئے تھے جن کی خبر لگنے پر مرکزی سرکار کے محکمہ داخلہ نے آئی۔ بی۔ اور ’’را‘‘ کے ذرائع سے جانچ کرائی تھی۔ خصوصی بنچ نے یوپی کی صوبائی سرکار سے حلف نامہ داخل کرنے کو کہا جو داخل نہیں کیا گیا۔ بنچ نے مرکزی سرکار کے سینئرایڈوکیٹ این۔ کے۔ سیٹھ کو طلب کر کے رٹ پر ان کا موقف طلب کیا تو انھوں نے مہلت مانگی۔اقبال قریشی نے اس رٹ کے تاروں کو گجرات فساد سے جوڑتے ہوئے کہا کہ وشو ہندوپریشد کی ۱۷/ اکتوبر ۲۰۰۳/ کی سنکلپ سبھا کے دوران وشو ہندو پریشد نے ۸ صوبوں سے آدی واسیوں کو بلوایا تھا۔ (راشٹریہ سہارا، ۷/۵/۲۰۰۵/)
        اس ضمن میں ۱۵/ دسمبر ۲۰۰۶/ کے فرنٹ لائن میں پرفل بدوائی کا یہ انکشاف بھی قابل غور ہے ’’ہند۔ امریکی نیوکلیائی توانائی سمجھوتہ منظور کرانے میں U.S. India business council کا اہم رول تھا۔ جس میں امریکی نیوکلیائی اور اسلحہ تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندہ اور Zionist American Jewish Committee کے انتہائی با اثر لوگ شامل تھے۔ ہندوستان کو انکے اس احسان کی قیمت آگے چل کر چکانی ہو گی۔ (پرفل بدوائی۔ فرنٹ لائن ۱۵/۱۲/۲۰۰۶/)
        جو ممالک اسلحہ کا کاروبار کرتے ہیں ان کا فائدہ اسی میں ہے کہ دنیا میں کسی بھی طریقہ سے بدامنی، خلفشار، تشدد پھیلے تاکہ عوام میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس ہو اور وہ حکومتوں سے تحفظ کا مطالبہ کریں اور حکومتیں تحفظ کے لئے بڑے پیمانہ پر نئے سے نیا اور قیمتی سے قیمتی اسلحہ خریدیں۔ اِس کے لئے وہ کیا کیا طریقہ اختیار کرتے ہیں - وہ ہتھیاروں کی خریداری سے متعلق بڑے بڑے سودوں بوفورس، سب میرین، ہر اک میزائیل وغیرہ سب سے ظاہر ہے۔ اربوں ڈالر کی خریداری کا کمیشن بھی کروڑوں ڈالر میں ہوتا ہی ہو گا۔ جس کی طرف اشارہ CBI کے سابق جوائنٹ ڈائریکٹر بی آر لال نے کیا ہے کہ ہندوستان کے سیاستدانوں، افسروں اور سرمایہ داروں کا بیرونی ممالک میں اتنی دولت جمع ہے جتنی ہندوستان کا ۳۵ سال کا بجٹ ہوتا ہے۔
(Who owns CBI - Naked Truth by B.R. Lal)
        نانڈیر، پربھنی، اور نگ آباد میں وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنوں سے دھماکہ خیز اشیاء،نقلی داڑھیاں، پٹھانی سوٹ وغیرہ کا برآمد ہونا اور کیس کی کما حقہ تحقیقات نہ ہونا کس طرف اشارہ کرتا ہے؟ عرب ممالک کے ساتھ امتیازی رویہ کی مثال جگہ جگہ موجود ہے۔ہوائی جہاز سے کرایہ عرب ممالک کا زیادہ ہے امریکہ اور انگلینڈکا کم ہے۔ جبکہ دوری امریکہ اور انگلینڈ کی زیادہ ہے۔ یہی معاملہ ٹیلی فون کال کا ہے۔ دوری کم ہونے کے باوجود وہاں کے کال ریٹ زیادہ ہیں امریکہ اور یوروپ کے کم ہیں۔ عرب ممالک بڑی مقدار میں ہندوستانی اشیاء خورد و نوش، کپڑے، زیورات وغیرہ خریدتے ہیں۔ یہاں پر لاکھوں عرب لوگ علاج کے لئے آتے ہیں اُس کا فائدہ بھی ہمارے ملک کے عوام کو ہی پہنچتا ہے۔ پھر اصولی لحاظ سے دیکھیں تو فلسطین کی آزاد ریاست کا قیام اُن کا حق ہے۔ ۱۹۶۷/ میں اسرائیل نے حملہ کر کے مصر، شام، اردن، اور فلسطین کے بڑے علاقہ اور قبلہ اول بیت المقدس پر قبضہ کر لیا جس کے خلاف اقوام متحدہ کی ۲۸۰ قرار دادیں پاس ہو چکی ہیں۔ اس جارحانہ قبضہ کے خلاف آواز اٹھانا کیا ہمارا اخلاقی فریضہ نہیں ہے؟ اسرائیل سے ہمارے تعلقات کا موازنہ عرب ممالک سے تعلقات کریں تو اخلاقی، مالی، تہذیبی، سیاسی، خارجہ ضرورت کسی بھی لحاظ سے اسرائیل سے غیر معمولی تعلقات ہندوستانی مفادات کے حق میں نہیں ہیں۔ ہتھیار تو کھلی منڈی میں ہر جگہ سے دستیاب ہیں۔ مگر اخلاقی پہلو بھی دیکھا جانا ضروری ہے۔
        ہندوستان کے ہوشمند شہریوں کی عموماً اور مسلم قیادت کی خصوصاً یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کو غیرمستحکم کرنے والی تمام قوتوں پر نظر رکھیں چاہے وہ جو بھی ہوں۔ ہندوستان میں بدامنی اور انتشار کا فائدہ مسلمانوں کو کچھ نہیں ہوتا ہاں جنگ اور دہشت کا ماحول بننے سے ہتھیار فروخت کرنے والوں کا فائدہ ضرور ہوتا ہے۔ امریکہ، اسرائیل اور روس ہندوستان کو سب سے زیادہ ہتھیار فروخت کرتے ہیں۔ ان کی ایجنسیوں کے ماضی کے کارنامے بہت بار میڈیا میں آچکے ہیں۔ ایڈوکیٹ سپریم کورٹ نفیس صدیقی صاحب نے اس طرح پھر اشارہ کیا ہے۔ ضرورت ہے کہ تمام ملک دوست قوتوں کے ساتھ مل کر اِس سازش کے خلاف عوام کو مستقلاً آگاہ کیا جائے۔ جگہ جگہ اجلاس کر کے اِس مسئلہ پر عوامی بیداری لائی جائے۔ ہمارے ملک کو بدامنی، فساد اور دہشت گردی میں مبتلاکر کے اپنے اسلحہ کے کارخانہ چلانے والوں اور اپنے خارجہ پالیسی کے مفاد حاصل کرنے کے لئے ہندوستانی سماج میں نفرت، قتل، لوٹ مار کا کھیل کھیلنے والوں کے خلاف پورے ملک میں شعور بیدار کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے خصوصاً مسلمانوں کیلئے کیونکہ سازشی طاقتیں انہیں کو نشانہ بناکر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرسکتی ہیں۔ تمام محب وطن، انسانیت دوستوں پر لازم ہے کہ وہ متحدہ لائحہ عمل اختیار کر کے انسانیت کے دشمنوں کی مذموم کوششوں کو ناکام بنادیں۔
۞    ۞    ۞

 
 
 
فرقہ وارانہ فساد .... اور فدائے ملت رحمة اللہ علیہ
 
از:      فاروق اعظم عاجز  کھگڑیاوی             
دارالعلوم دیوبند،احاطہٴ مطبخ کمرہ: ۱۱
 
 
 
 
        یوں تو ملک کی قسمت کا ستارہ اسی دن گردش میں آگیاتھا جب کہ ہندوستان کے دو ٹکڑے ہوئے اور اسکا ایک اہم عضو اسکے جسم سے الگ ہو گیا، کہا جاتا ہے کہ پاکستان کا قیام عظیم مصالح کے پیش نظر تھا؛ لیکن جس نظریہ کے تحت اس پودے کو لگایا گیاتھا سچی بات یہ ہے کہ وہ بارآور نہیں ہوا۔
        مگدھی زبان کا مثل مشہور ہے کہ ’’سانپ تو مرگیا لیکن اپنا پوا چھوڑ گیا‘‘ اس پر عمل کرتے ہوئے سفید فام انگریز نے جاتے جاتے اس موقع سے بھی فائدہ اٹھایااور اپنے بعد فرقہ پرست ذہنیت کے بہت سے اپنے چیلوں اور حاشیہ برداروں کو چھوڑگیا، انگریزوں کے خونی چنگل سے ملک آزاد کیاہوا مسلمانوں کے جان و مال کے لالے پڑنے لگے اور فرقہ پرست عناصر کے ہاتھوں ان کی نسل کشی اور کشت و خون اسلامیانِ ہند کا مقدر بن گئے، تقسیم ہند اور تشکیل پاک کے نام پر گویا مسلمانوں کو اپنی جانوں کی بلی دینا پڑی، جو پاکستان چلے گئے چلے گئے اور جو ہندوستان میں رہ گئے وہ جارحیت پسند ذہنیت کے لیے دھرتی کے بوجھ محسوس ہونے لگے، انھیں ہر طرح سے پیسنے کی ناروا کوششیں کی گئیں اور ملکی سطح پر سانپ کے چھوٹے چھوٹے بچے ہی نہیں بلکہ ان کی پرورش کرنے والے بڑے بڑے زہریلے ناگ(۱) بھی پھنکارنے لگے اور اپنے زہر سے ہندوستان کی ’’گنگاجمنی‘‘ فضا کو مسموم کرنے لگے، جگہ جگہ مسلم کش فسادات کے شعلے بھڑکنے لگے، مسلمانوں سے جینے کا حق چھینا جارہا تھا، ان کے خون سے ہولی کھیلی جارہی تھی، ان کی عورتوں کی عصمتوں کو سرِ بازار تار تار کیا جارہا تھا، ان کے معصوموں کی لاشوں کو کھلونا بناکر فٹ بال کی طرح روندا جارہا تھا، عبادت گاہوں کو اصطبل اور قرآن مقدس کو راکھ میں تبدیل کر کے سرعام ان کی بے حرمتی کی جارہی تھی، ان کی جائداد پر نا جائز تسلط جمایا جارہا تھا، ان کے صنعتی کارخانوں کو تہس نہس کر کے مسلمانوں کی معاشی قوت کو کمزور سے کمزور ترکیا جارہاتھا، ان کی آبادیوں کو تہہ و بالا کیاگیا، نان شبینہ تک سے مسلمانوں کومحروم کرنے کی ملک گیر پلاننگ کے خاکے تیار کیے جارہے تھے اور ستم بالائے ستم یہ کہ پولیس ان شرارت پسند عناصر کا قدم قدم پر پیٹھ تھپتھپاتی ہوئی نظر آرہی تھی اور ستم ظریفیوں کی حد یہیں پر ختم نہیں ہو جاتی بلکہ ،،الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘‘ والے اصول پر مضبوطی کے ساتھ یہ لوگ عمل پیرا تھے اور بے گناہ بلکہ ستم رسیدہ ایسے مسلمان کہ ابھی ان کے خشک حلقوم تک پانی بھی نہیں پہنچا تھا، ابھی ان کے بہتے خون کے آنسو بھی خشک نہیں ہوپائے تھے، بدن سے خون کا فوراہ بھی بند نہیں ہوا تھا، جسم کی ٹوٹی ہڈیاں ابھی جھول ہی رہی تھیں کہ ان کو بجائے اس کے کہ ان کی تسلی کا سامان مہیا کیا جاتا، ان کی مزاج پرسی کی جاتی، ان کے آنسو پوچھے جاتے، ان کی پیاس بجھائی جاتی الٹے اسی ٹوٹی کلائی میں پٹی کی جگہ ہتھکڑی لگاکر ہسپتال نہیں جیل خانوں میں بھینس بکری کی طرح ٹھونس دیاگیا اور حقِ انصاف کو بھی سلب کرنے کی ناپاک کوششیں کی گئیں۔
        یہ وہ زمانہ تھا جب کہ حضرت مولانا سید اسعد مدنی رحمة اللہ علیہ اپنے عہد شباب سے گزررہے تھے، چوں کہ قدرت نے آپ کو ایک عظیم مجاہد کے گھر پیدا کیا تھا، آپ نے قرآن و حدیث کی زمزمہ سنجیوں سے پرخانوادے میں نشوونماپائی تھی، مولانا مرحوم جہاں ایک مرد مجاہد، بے باک اور حق گو باپ کے بیٹے تھے وہیں ملت کا درد، اس کی حالت زار پر کڑھن، اس پر پڑنے والے برے وقت میں پوری ثبات قدمی اور بیدار مغزی کے ساتھ اس کے سدّباب کی مناسب تدابیر اور اپنی قوت عمل سے ان خاکوں میں روغن بھرنے کی سعیِ جمیل بھی آپ کو اپنے عالمگیر باپ ہی سے وراثت میں ملی تھی، چند دنوں مدرسی کے بعد مولانا رحمة اللہ علیہ نے اپنے والد بزرگوار کے مشن اصلی کو آگے بڑھانے کا پختہ عزم کرلیا، چناں چہ ۱۹۵۶/ میں صدرجمعیة دیوبند، ۶۲/ میں صدر جمعیة علماء اترپردیش، ۶۳/ میں ناظم عمومی جمعیة علماء ہند اور ۷۳/ میں مولانا سید فخرالدین احمد رحمة اللہ علیہ کی وفات کے بعد متفقہ طور پر آپ کو مرکزی صدارت کے لیے منتخب کرلیاگیا۔ چناں چہ آپ اس وقت سے تادم واپسیں تقریباً ۳۳ سال تک جمعیة کے متحدہ پلیٹ فارم سے ملک و قوم کے تحفظ و استحکام اور اس کی تعمیر و ترقی میں جٹے رہے اور کسی قسم کی ناخوشگوار حالات کے سامنے سپرانداز ہونے کے بجائے پورے ہوش مگر جوش کے ساتھ نبردآزما رہے، ’’آئین جواں مرد حق گوئی وبے باکی‘‘ کا کھل کر مظاہرہ کیا اور ’’اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی‘‘ کو عملی جامہ پہناکر یہ اعلان کردیا:
’’باطل سے دبنے والے اے آسماں نہیں ہم
سو بار کرچکا ہے تو امتحاں ہمارا‘‘
        آپ اسم بامسمّیٰ تھے اور اسعد کے ساتھ آپ اسد بھی تھے اور اخیر دم تک لوگوں نے آپ کے اندر اس امتیازی وصف کا مشاہدہ کیا۔ چناں چہ فدائے ملت نے اپنی عملی زندگی کے روز اول ہی سے ایسی ایسی حیرت انگیز ملی خدمات انجام دیں کہ بڑوں کے حلقے سے بھی رشک کی صدائے باز گشت سنائی دینے لگی اور مجاہد ملت مولانا حفظ الرحمن رحمة اللہ علیہ جیسے جری وبے باک قائد کہ جس کی ایک گرج سے ایوان حکومت دہل دہل اٹھتا تھا، کے سانحہٴ ارتحال کے بعد ملت میں جو یاس و ناامیدی چھاگئی تھی اور ایک خلا محسوس کیا جارہا تھا اللہ نے حضرت رحمة اللہ علیہ کے وجود بامسعود سے اس خلا کو پرکردیا، مجاہد ملت کے بعد جمعیة کی نظامت کی باگ ڈور آپ کے سپرد ہوئی اور آپ باضابطہ طور پر اسٹیج پر آئے؛ لیکن ابھی چند مہینے ہی گزرے تھے، ۶۴/ کی آمد آمد تھی، رمضان بھی قریب تھا، مولانا رحمة اللہ علیہ رمضان گزارنے کی غرض سے گیا (بہار) کے لیے پابرکاب تھے کہ اچانک معلوم ہوا کہ کلکتہ سمیت مغربی بنگال کا ایک بڑا حصہ فرقہ وارانہ فسادات کا شکار ہوچکا ہے اور مسلمان گاجرومولی کی طرح کاٹے جارہے ہیں اور جائداد یں لوٹی جارہی ہیں، ابھی خونی ڈراموں کااسٹیج لگاہی تھا کہ اسی طوفانِ بلاخیز میں مولانا رحمة اللہ علیہ مظلوموں کی حمایت کے لیے ابراہیمی جرأت کے ساتھ کود پڑے اور ان کی تسلی کا سامان فراہم کرنے میں ہمہ تن جٹ گئے پورے دن رمضان کا روزہ رکھ کر زخمیوں کی مرہم پٹی، بھوکوں کو کھانا کھلانا اور بے گھروں کو ٹھکانہ دینے میں گلی کوچے کی خاک چھانی اور صحابہ جیسی شب زندہ دار جماعت کا وہ عملی نمونہ پیش کیا کہ جو حضرات دن کے غازی اور رات کے نمازی تھے۔ اس واقعہ کی شہادت مولانا محمد میاں صاحب کی تحریر سے یوں ہوتی ہے کہ ’’مولانا سید اسعد صاحب نے کلکتہ پہنچ کر شہر کے تباہ سترہ محلوں کا دورہ شروع کیا توان کو دیہات کے حالات کا بھی علم ہوا، اب ایک نئی تڑپ پیدا ہوئی اور باوجودیکہ خطرات ہر طرف سے منھ پھیلائے تھے مگر مجاہد ملت رحمة اللہ علیہ کی یاد تازہ کرنے والے جواں ہمت مولانا اسعد صاحب ناظم عمومی جمعیة علماء ہند نے ان بے بسوں اور بے کسوں تک پہنچنا ضروری سمجھا۔۔۔ رمضان شریف کے مبارک رات دن اس میں صرف ہوئے‘‘ (گلہائے عقیدت) اس فساد میں جمعیة نے باز آبادکاری اور ریلیف پر تقریباً سات لاکھ کی خطیر رقم خرچ کی۔
        ابھی کلکتہ فسادات کی آگ بجھنے نہیں پائی تھی کہ ۱۹/ مارچ ۶۴/ کی شام کو مسلمانان جمشیدپور پر آگ و خون کی بارش شروع ہو گئی اور مسلمانوں کی جان ومال، عزت و آبرو کی ایسی پامالی کی گئی کہ سراپا ظلم ’’ہٹلر‘‘ کی روح بھی شرماگئی، جمشید پور، راوڑکیلا، اور چائے باساواطراف کے تقریباً ۱۴۳۲ بے گناہوں کو شہید کیاگیا اور لاکھوں کی املاک تباہ کرے مسلم آبادی کی کمر توڑدی گئی، حضرت فدائے ملت رحمة اللہ علیہ نے جب یہ خبر سنی تو بے چین ہواٹھے، اور اپنے دردمند دل کے ساتھ پورے علاقے کے گاؤں گاؤں کا تفصیلی دورہ کیا، ریلیف اور باز آبادکاری کے لیے زبردست جدوجہد اور دوڑ دھوپ کی اور جگہ جگہ کیمپ قائم کر کے زخموں سے چور جلے کٹے مسلمانوں کی مسیحائی کی اور کسی بھی امکانی تدبیر سے آپ نہیں چوکے۔
        انھیں دلدوز مناظر کا نقشہ مولانا اسرارالحق صاحب یوں کھینچتے ہیں کہ ’’چھٹی دہائی میں خوفناک فرقہ وارانہ فسادات ہوئے، راوڑکیلا، بھلائی، کلکتہ، رانچی وغیرہ میں رونما ہونے والے فسادات کی تباہی کے واقعات کا تصور کر کے آج بھی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔۔۔۔ کلکتہ فساد میں متاثرہ علاقوں کے دوسرے پر ان پر جان لیوا حملے ہوئے؛ لیکن ان کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی‘‘، ملت کے تئیں آپ کے سوز دروں کو مولانا قاسمی یوں پیش کرتے ہیں ’’فسادات اور قدرتی آفات کے متاثرین کی بربادی کی خبرملتے ہی وہ بے چین ہو جاتے تھے، ان کے چہرے پر کرب کے آثار صاف دکھائی پڑتے اور کئی بار ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑتے؛ لیکن ان کے آنسوؤں کے پیچھے عزم ہوتا تھا‘‘ بلاشبہ آپ مجاہد ملت کے بعدایسے واحد رہنما تھے جنھوں نے آگ و خون میں کود کر مظلوموں کے آنسو پوچھے اور اپنی بے پناہ جرأت و بلند ہمتی کی روشن تاریخ رقم کی۔
        انھیں نسل کشی کے سیلِ رواں کے سدباب کی اہم کڑی نومبر ۶۴/ میں ’’وگیان بھون‘‘ میں ’’قومی جمہوری کنونشن‘‘ کا انعقاد ہے جس میں اس وقت کے وزیر اعظم ’’لال بہادر شاستری‘‘ نے دیگر سرکردہ لیڈران سمیت شرکت کی اور سبھوں نے اس پھیلتے زہریلے فتنے کی تریاقی کا عزم مصمم کیا، جس کا لازمی نتیجہ اس طرح ظاہر ہوا کہ فسادات کی لہر ایک حد تک سرد پڑگئی اور مسلمانوں کو جینے کا حوصلہ ملا۔ (الجمعیة نمبر ص:۴۵۴)
        کچھ دنوں بعد ۶۷/ میں پھر بنارس اور رانچی کی سرزمین مسلمانوں کے خون سے رنگین ہوئی، ۶۹/ میں ایک سنیما میں دو جوانوں کے جھگڑے کا بہانا بناکر پولیس کی سرپرستی میں مئو اعظم گڑھ میں خونی ڈرامے کھیلے گئے، اور اسی سال ستمبر میں احمد آباد کی خوشگوار فضا کو لالہ زار کیاگیا، ملک میں ایک بار پھر مسلم کش فساد کی آگ بھڑک اٹھی اور فتنہ پروروں نے اسلامیانِ ہند کے وجود کو ملک سے سرے سے ختم کرنے کا تہیہ کرلیا تھا۔
        اس وقت ملک کے امن کا کس طرح جنازہ نکالا جارہا تھا اور حالات کیسے ناگفتہ بہ تھے اس کی حقیقی تصویر صاحبِ ’’تاریخ جمعیت‘‘ کی تحریر میں یوں دیکھی جاسکتی ہے کہ ’’۶۹/ میں ہندوستان کے فرقہ پرستوں نے ایک بار پھر اپنی شرمناک سرگرمیاں تیز کردی ہیں، جمعیة کے دفتر میں جب بھی فون کی گھنٹی بج اٹھتی ہے تو دل دھڑکنے لگتا ہے اور ریسیور اٹھاتے ہوئے ڈر سا لگتا ہے کہ ہونہ ہو فساد کی خبر ہے‘‘۔
        مولانا مرحوم نے اسی طوفانی حالات میں احمدآباد کا تفصیلی دورہ کیا، اقلیت کے کشت و خون کے انسداد کے لیے مناسب تدبیریں کیں اور اپنے سوز بھرے دل کے ساتھ نومبر میں پارلیامنٹ کے ایوان میں ایسا تاریخی خطاب کیا کہ جس کا لفظ لفظ درد، کڑھن اور تڑپ سے عبارت ہے، اخیر میں جو ایک شعر کہا۔
بترس از آہِ مظلوماں کہ ہنگام دعا کردن
اجابت از درحق بہر استقبال می آید
        اس نے ارکان حکومت کو لرزہ براندام کردیا۔
 
امتحاں ابھی اور بھی ہیں
        بیسویں صدی کی ساتویں دہائی شروع ہوچکی تھی کہ پھر مسلمانوں پر قتل و غارت گری کی آندھی چل پڑی، ان کی معاشیات کو تباہ و برباد کر کے انھیں کھوکھلا بنانے کے لیے جلگاؤں اور بھیمڑی (جو پاورلوم صنعت کا بڑا مرکز رہا ہے) کو تہہ و بالا کرنے کی مکمل کوششیں کی گئیں تاکہ ایک ایک مسلمان نانِ شبینہ تک سے محروم ہو جائے، مولانا رحمة اللہ علیہ اس خبر کو پاکر تڑپ تڑپ اٹھے اور پوری پامردی سے فرقہ واریت کے اس دہکتے شعلے میں بے خوف کود پڑے، تڑپتی لاشوں کو اٹھایا، ان کی مرہم پٹی کی، آنسو پوچھے اور ہرطرح سے ان کی بازیابی اور سابقہ حالات پر لانے کی انتھک کوشش کی اور شرپسندوں سے سختی سے نمٹنے کے لیے ایوان حکومت میں صدائیں بلند کیں۔
        ابھی یہ مردمجاہد ایک عظیم معرکہ سَر کر کے چین کے دوسانس بھی نہ لے سکا تھا کہ اسی سال ’’ہزاری باغ‘‘ میں ایک مری پڑی گائے کا بہانہ بناکر پولیس کی نگرانی میں خون خرابہ کا جو ننگا ناچ ناچا گیا کہ آسمان بھی تڑپ اٹھا اور زمین بھی دہل گئی۔ مولانا مرحوم نے پوری ثبات قدمی کے ساتھ وہی کچھ کیا جو ایک دردمند باپ اپنی اولاد کے لیے کرتا ہے۔ چناں چہ ۷۰/ میں مولانا رحمة اللہ علیہ نے ناظم عمومی کی حیثیت سے پارلیامنٹ کے معزز ایوان میں مسلم اقلیت کی مسلسل نسل کشی پر کرخت لہجے میں ارباب حل و عقد کو متنبہ کیااوریوں گویا ہوئے: ’’ابھی تازہ واقعہ چائے باسہ کا ہے، جہاں اگر فرقہ پرستوں اور پولیس کی سازش نہ ہوتی تواقلیت طبقہ کے پچیس افراد کے بے دردی سے موت کے گھاٹ نہ پہنچایا جاتا... پولیس نے حالات سے چشم پوشی کی ہے‘‘ اخیر میں صدر جمہوریہ کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: ’’اگر ذمہ دارانِ حکومت نے اپنی ذمہ داری کو اب بھی نہیں پہچانا تو ملک کو نراج اور تباہی سے نہیں بچایا جاسکتا‘‘؛ لیکن ابھی اور ابھی اس مرد دلیر کی سرفروشانہ داستان کا مطالعہ کرتے جائیے اور سردھنتے جائیے!!!
        ۱۹۷۲/ کے نصف اخیر کا زمانہ چل رہا تھا کہ ایک بار پھر مسلم کش فسادات سے سرزمین ہندلہو لہان ہو گئی اور گویا اس ملک کے سینے پر اسلام دشمنی کا کوہِ آتش فشاں پھوٹ پڑا تھا۔
        چناں چہ جون ۱۹۷۲/ میں علی گڑھ، بنارس اور فیروز آباد میں اقلیت پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے گئے، جان، مال، جائداد اور کارخانے ہرایک کو نشانہ بنایا گیااور مسلمانوں کے خونِ جگر کو نچوڑ کر خونی معرکہ کو مزید بھڑکایا گیا، ایسے ہی اسی سال عثمان آباد (مہاراشٹر) دادری، اعظم گڑھ، گجرات، بہار اور کرناٹک میں بڑے بڑے فرقہ وارانہ فسادات ہوئے اور ہر طرح سے مسلمانوں کو تباہی و بربادی کے دہکتے تنور میں جھونکا گیا، اسی زمانہ کی تصویر کشی مولانا اسیرادروی صاحب یوں کرتے ہیں کہ ’’جمعیة علماء ہند کی مجلس عاملہ کاکوئی اجلاس ایسا نہیں جس میں نسل کشی کی اس انسانیت سوز مہم پر نوحہ خوانی اور ماتم سرائی نہ کی گئی ہو، مجلس عاملہ کا رجسٹر کارروائی آزادی کے بعد سے ہونے والے ان فسادات کی انسائیکلوپیڈیا ہے‘‘۔
        مولانا مرحوم نے ملک کے ناگفتہ بہ حالات کے پیش نظر ایک بار پھر پارلیامنٹ میں حیدری رعب کے ساتھ ذمہ دارانِ حکومت پر سخت نکتہ چینی کی اور پولیس کی درندگی کا پردہ فاش کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور فرمایاکہ: ’’اس سال انیس بڑے فسادات ہوئے ہیں جن میں بنارس، بنگلور اور دربھنگہ سرفہرست ہیں، اور خون کا آنسو پیتے ہوئے مزید یوں گویاہوئے کہ : جن کو لوٹا جائے، مارا جائے ان کو ہسپتال کے بجائے جیل خانہ لے جایا جاتا ہے، جن کے ہاتھوں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں انھیں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں بھی ڈالی جاتی ہیں، میری نگاہیں خود اس واقعہ کی گواہ ہیں۔
        حضرت فدائے ملت رحمة اللہ علیہ اپنے بے مثال باپ کی عظیم روایات کے سچے امین اور حقیقی وارث تھے۔ بقول مولانا انظر شاہ کشمیری صاحب: ’’(انھوں نے) اپنے نامور باپ کی ہر گوشہ میں جانشینی کی اور کافی حد تک اس کا حق ادا کیا‘‘ چناں چہ ۱۹۷۳/ کا زمانہ تھا،مولانا سید فخرالدین احمد رحمة اللہ علیہ مسند صدارت کو الوداع کہہ کر مالک حقیقی سے جا ملے تھے، آپ کی بالغ نظری اور دورسی کے پیش نظر صدارت کا بار گراں آپ کے کاندھے پر رکھا گیا، اس وقت ارض وطن بڑے پر آشوب دور سے گزر رہی تھی، جہاں ایک طرف اسلام دشمن عناصر مسلمانوں کے آئینی حقوق پر حملہ آور ہو رہے تھے اور ان کی پرسنل لاء میں مداخلت کی ناپاک کوشش کر رہے تھے وہیں مسلم کش فسادات پھر راہ لینے لگے تھے اور اسکا شرارہ روز بروز تیز سے تیز ترہی ہوتا جا رہا تھا، چناں چہ اسی سال گجرات کے مسلمان فساد کی زد میں آئے اور ۱۹۷۴/ میں منظم سازش کے تحت میرٹھ، الٰہ آباد میں قیامت برپا ہوئی، پونہ، چھندواڑہ (مدھیہ پردیش)، پورسد (گجرات)، رانچی (بہار)، شرپسندوں کی ہوسناکی کے شکار ہوئے، اسی طرح آگرہ، کھرگون (مدھیہ پردیش)، بمبئی کو بھی نشانہ بنایا گیا، ۱۹۷۵/ میں یہ سلسلہ آگے بڑھتے ہوئے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ہندوستان پر لاقانونیت کا منحوس سایہ دراز سے دراز تر ہوتا چلا گیا اور قانون بازیچۂ اطفال بن کر رہ گیا تھا۔ چناں چہ ۱۹۷۷/ میں بنارس میں ایک بار پھر قتل و غارت گری مچائی گئی، جنوری ۱۹۷۸/ میں بہار کا ضلع بہار شریف پوری طرح جھلسایا گیا اور اسی سال مارچ میں سنبھل مرادآباد کی تاریخ میں وہ دن آیا جس کی پیشانی تباہیوں اور بربادیوں سے آلودہ ہوئی، اسی طرح مارچ ۱۹۷۹/ میں فولاد کے شہر جمشیدپور میں دوبارہ کشت و خون اور تباہی کا جو سیلاب آیا اس نے مسلمانوں کے خرمن کو خاکستر کر کے رکھ دیا، جولائی میں ضلع پورنیہ کے گاؤں کے گاؤں کو زیر و زبر کر دیا گیا، زمانہ گزرتا گیا ملک کے مختلف خطوں میں چھوٹے بڑے حوادث گردش کرتے رہے، پھر ۱۹۸۹/ میں بھاگلپور کی زمین پر سفاکیت کا وہ ننگا ناچ ناچا گیا کہ جس سے درندے بھی شرما گئے،اور جارحیت پسند ہندو لٹیروں نے ظلم و ستم اور قتل و خون کا وہ منظر پیش کیا کہ چشم فلک بھی اشک بار ہو گئے اور وہاں کی خوشگوار فضا دیکھتے ہی دیکھتے سراپا ماتم بن گئی۔
        اس کے بعد سب سے بڑا خونی ڈرامہ فروری ۲۰۰۲/ میں گجرات کی سرزمین پر اسٹیج دیا گیا اور مسلمانوں کی عزت، اس کے تڑپتے لاشے اور اس کے سرخ خون سے پروگرام کو زینت بخشا گیا، ان کی آہ و بکا پر قہقہے لگائے گئے، انھیں بے گھر کیا گیا اور پوری مسلم آبادی کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی؛ لیکن سرمایہٴ ملت کے اس نگہبان ’’مولانا سیداسعد مدنی رحمة اللہ علیہ ‘‘ کو ان قیامت خیزیوں اور طوفانوں کے ریلے سے ٹکرانا پڑا، جان کو جوکھم میں ڈال کر جلے کٹے مسلمانوں کی مکمل مسیحائی کی، یہ فساد ہندوستان کے چہرے کا وہ بدنما داغ ہے جو مٹائے نہیں مٹ سکتا اور یہ تاریخ ہند کا بدترین المیہ ہے مولانا رحمة اللہ علیہ نے مسلمانوں کو دلاسہ دیا، ان کے غموں کو ہلکا کرنے کی جان توڑ کوشش کی، اپنی پیرانہ سالی، ضعف و نقاہت کے باوجود عالم اسلام کا بار بار دورہ کیا، ریلیف جمع کر کے ان کی باز آبادکاری کا وہ عظیم کارنامہ انجام دیا جسے عموماً تاریخ اسلامی اور خصوصاً گجرات کی لہولہان دھرتی کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔
        چناں چہ آپ کی زیر صدارت جمعیة نے عبوری راحت، طبی سہولیات، یتیموں اور بیواؤں کی کفالت، تعمیر و مرمت مساجد و مکانات اور فراہمی روزگار وغیرہ عنوانات سے جمعیة کی اکتوبر ۲۰۰۲/ تک کی رپورٹ کے مطابق ۱۲/کروڑ ۱۶ لاکھ روپے کا صرفہ ہو چکا ہے۔ اور ’’راشٹریہ سہارا یکم مارچ ۲۰۰۶/ کے مطابق ’’گجرات کے سیکڑوں ماخوذ افراد کی ضمانتیں، گودھرا کے اسیروں اور بیس نگر کے افراد کی قانونی چارہ جوئی اور دیگر امور کی انجام دہی، اس کے علاوہ مختلف کالونیوں کی مسجدوں اور اسکولوں پر مشتمل ڈھائی ہزار سے زائد مکانوں میں فساد کے متاثرہ اجڑے افراد کو بسانے کا کام کیا جا چکا ہے، نیز ۵۱ گاؤں کے ڈھائی ہزار سے زائد برباد جلائے گئے مکانات کی تعمیر و تجدید کی گئی، کل ملا کر اکیاون سو مکانوں میں ۲۵۰ گاؤں کے افراد آباد ہو چکے ہیں۔
        اس مختصر خونی داستان سے حضرت مولانا مرحوم کی غیر معمولی جرأت و ہمت، عزم و استقلال، دوررسی، قوت ارادی، اور تحفظ دین واسلام کی خاطر سب کچھ قربان کرنے کا جذبۂ خالص، کا پتہ چلتا ہے، روئے زمین پر بہت کم ایسی مثال ملتی ہے کہ جس کی مدح و ستائش کے ترانے اپنوں کے علاوہ مخالفوں کی زبانوں پر بھی ہوں، ۔۔۔ کہنا چاہیے کہ درحقیقت یہ سب کچھ اپنے نامور والد کے روحانی فیض کا کرشمہ اور ان کے بتائے ہوئے الہامی اصول کا مرہون منت تھا جیساکہ ایک موقع پر خود فدائے ملت رحمة اللہ علیہ نے فرمایا تھا: ’’میرے والد ماجد شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمة اللہ علیہ نے ہمیں ایمان و یقین اور تحصیل و اشاعت دین کے ساتھ وطن عزیز سے عشق، آزادی سے محبت اور انسانوں کی خدمت کی جو راہ دکھائی تھی میری کوشش یہی ہے کہ جب تک زندہ رہوں ان عنوانات پر زندگی کی داستان ترتیب دیتا رہوں‘‘ (گلہائے عقیدت،ص:۲۲) اور اخیر تک آپ اس اصول پر آہنی دیوار کی طرح قائم رہے اور پوری دیانت داری کے ساتھ ملک و قوم کی بے لوث خدمت کرتے رہے اور خدمت کرتے کرتے ۷/محرم الحرام ۱۴۲۷ھ پیر کے دن شام چھ بجے جان جان آفریں کے سپرد کر دی۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔
ہوا تھی گو تند و تیز لیکن چراغ اپنا جلا رہا تھا
وہ مرد درویش جسکو حق نے دیے تھے انداز خسروانہ
٭٭
ٕماخذ:  دارالعلوم دیوبند ڈاٹ آرگ
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

دار العلوم