تحریرِ نو
ممبئی فروری 2009ء
ادب دیواروں سے آگے
کالرجؔ، منٹوؔ، اخترؔ شیرانی، مجازؔ اور محمد علی تاجؔ
اگر اور جیتے ...............
ندا فاضلی
انگریزی زبان کی ادبی تاریخ میں اٹھارویں صدی کی کافی اہمیت ہے۔ اسی صدی کی ساتویں دہائی ۱۷۷۰ء میں انگریزی زبان کے فطرت پر ست شاعر ولیم ورڈز ورتھ کے نام سے جانی جاتی ہے۔ ورڈز ورتھ ۱۷/اپریل ۱۷۷۰ ء میں کمبر لینڈ میں ڈروینٹ ندی کے کنارے پیدا ہوئے ، جہاں آج بھی ان کی رہائش گاہ ایک میوزیم کی طرح ان کی شاعری کے پرستاروں کی زیارت گاہ ہے۔ آٹھ برس کے تھے جب ان کی والدہ ان کا ساتھ چھوڑ گئیں۔ ماں کی رحلت کے پانچ برس کے بعد والد بھی رخصت ہو گئے۔ لیکن ان غموں کو بھلانے کے لئے انھوں نے کسی نشے کا سہارا نہیں لیا اور ۸۰ سال کی عمر تک انگریزی شعر و ادب کو امیر بناتے رہے۔ ۱۷۹۸ء میں انھوں نے اپنے دوست کالرجؔ کے ساتھ ایک تاریخی شعری مجموعہ ’لیرکل بیلڈ‘ شائع کیا۔ جس کے بارے میں انسائیکلو پیڈیا برٹانیکا نے لکھا تھا۔ یہ کتاب ملٹنؔ کے بعد ایک اہم ادبی واقعہ ہے۔ یہ شعری مجموعہ فطرت اور فوق الفطرت تخلیقات کا کارنامہ تھا۔ زبان کے لحاظ سے بھی اور موضوع کے انتخاب کی وجہ سے بھی۔ یہ مجموعہ ماضی قریب کی عقلیت پسندی کے خلاف رومانی تحریک کی ابتدائی آواز تھی۔ کالرج ، ورڈز ورتھ سے دو سال بعد پیدا ہوئے اور تقریباً ۱۷ سال پہلے رخصت ہو گئے۔ افیون کی لت نے جہاں ’خان کبلا‘ جیسی نظم ان سے منسوب کی وہاں شعری ذہانت کے ساتھ ان کی جسمانی صحت کا خراج بھی وصول کیا۔ دو سال کی چھوٹائی بڑائی کے با وجود وہ گہرے دوست تھے۔ اس دوستی کی وجہ دونوں کی شعری ذہانت تھی لیکن کالرجؔ جوانی میں ہی نشے کی عادت کا شکار ہو گئے ، کوش اور علاج کے باوجود پھر اس لت سے آزاد نہیں ہو سکے۔ ہر انسان کو اپنی زندگی بنانے اور بگاڑنے کا اختیار ہے لیکن مجھ جیسے قاری کو یہ پوچھنے کا حق ضرور ہے کہ اگر وقت سے پہلے نہیں مرتے تو اپنے پڑھنے والوں کو پڑھنے کے لئے اینشینٹ ماریز اور کبلا خان جیسی اور کچھ نظمیں دے سکتے تھے۔ جسم، روح کا مکان ہوتا ہے اور روح رحمان کا وردان ہوتا ہے۔ جسم کی حفاظت بھی ایک عبادت ہے۔ صوفی تو دل کو خدا کا گھر مانتے ہیں۔ اسی گھر کی حفاظت کو حج اکبری کے مترادف جانتے ہیں۔ ان کی افیون نوشی میری ان کئی تخلیقات کی مقروض ہے جو میرے مطالعہ سے دور رہیں۔ کالرجؔ نے آدمی سے انسان بننے کا سفر پور کیا لیکن جو توقعات ان سے وابستہ تھیں ، انھیں ادھورا چھوڑ کر زندگی کا سفر پورا کر لیا۔ سکندر لودھی کے دور حکومت میں سنت کبیرؔ شریر (جسم) اور آتما کے رشتے سے واقف تھے۔ انھوں نے کہا تھا :
اس گھٹ اندر باگ بگیچے ، اسی میں سرجن ہارا
اس گھٹ کے اندر سات سمندر ، اسی میں نو لکھ تارا
کبیر ۱۴۵۶ء میں انسانی جسم میں ظہور میں آئے اور اس جسم کو جیوں کی تیوں ، دھر دینی چدریا، کے احتیاط سے ۱۵۷۵ء میں کبیر گرنتھا والی بن گئے۔ کہا جاتا ہے وہ اس جسم کے ذریعے ۱۰۰! سال سے زیادہ عرصے تک محبت اور پریم کے ڈھائی اکشر کو نئے نئے طریقوں سے روشن کرتے رہے۔ یہی پریم ان کا نشہ تھا جو دیر تک کائنات کو روشن کرتا رہا اور آج تک یہی پریم عوام و خواص میں منور ہے۔ کبیر کی ایک غزل کا مطلع ہے :
ہمن ہے عشق مستانہ ہمن کو ہوشیاری کیا
رہے آزاد یا جگ میں ہمن دنیا سے یاری کیا
کبیرؔ نے دنیا داری کی ہوشیاری سے تنگ آ کر کالرجؔ کی طرح فطرت کے ساتھ عیاری نہیں کی۔ کبیرؔ جس پریم ڈگر کی روشنی تھے اس کی بندگی کرنے والوں میں ایک ساتھ کئی ادیبوں اور شاعروں کے نام ذہن میں آتے ہیں۔ ان میں کبیرؔ کی طرح جو پھکڑپن اور اکھڑپن نظر آتا ہے اس کا نام سعادت حسن منٹو بھی تھا۔ کبیرؔ نے جو ناراضگی اور سماجی نا انصافی کو شعر کا جامہ پہنایا اسی سوجھ بوجھ کے ساتھ منٹوؔ نے اپنے قلم کا جادو جگایا۔
منٹوؔ اتحاد و یگانگت کے قلم کار تھے۔ وہ راجندر سنگھ بیدی، کرشن چندر اور عصمت چغتائی کے ہم عصر تھے لیکن وہ تینوں کے ساتھ ہوتے ہوئے اپنے مزاج اور انداز کے الگ فنکار تھے۔ وہ ملکی تقسیم کے بھی خلاف تھے اور اس سیاسی تماشے میں انسان کے حیوان بن جانے سے بھی ناراض تھے۔ انھوں نے بہت سی چھوٹی چھوٹی کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ ان میں ایک کہانی کا عنوان’ پیشاب گھر‘ ہے۔ تقسیم وطن سے پہلے سیاست، تقسیم کے لئے زمین بنا رہی تھی اور سوچی سمجھی سازش کے تحت ہندو کو زیادہ، ہندو اور مسلمانوں میں زیادہ تعصب جگا رہی تھی۔ مذہبوں کے تاجرانہ استعمال سے ایک دوسرے کے بیچ دیواریں اٹھا رہی تھیں۔ ۔ نیتاؤں کی تقریریں اپنا رنگ دکھا رہی تھیں اور غربت و افلاس کو بھیڑ بکریوں کی طرح ہنکا رہی تھیں اور اس غیر انسانی حیوانیت کے خلاف منٹوؔ کی کہانیاں چلّا رہی تھیں اور ان سے موزیل ، کھول دو اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسی عبارتیں لکھوا رہی تھیں۔ منٹو کی کہانی ’ پیشاب گھر‘ عجیب طریقے سے شروع ہوتی ہے۔ پہلے ایک ہندو ضرورت سے فارغ ہونے کے لئے اس میں داخل ہوتا ہے اور ضرورت پوری کرتے ہوئے طاق میں رکھے ہوئے ایک کوئلے سے سامنے کی دیوار پر لکھتا ہے مسلمانوں کی ماں کی .........لکھنے والے نے جملے کو لکھ کر اس کے آگے کئی نقطے لگائے تھے .....ہندو کے بعد جو مسلمان پیشاب کی ضرورت سے وہاں جاتا ہے وہ نقطوں کی خالی جگہ کو اپنے خیال سے بھرتا ہے اور غصے میں کوئلہ اٹھا کر اس جملہ کے نیچے لکھ دیتا ہے ہندوؤں کی ماں کی .........اس کہانی کا تیسرا کردار خود افسانہ نگار منٹوؔ تھا منٹو ان دونوں جملوں کو پڑھتا ہے ، مسلمانوں کی ماں کی.........! ہندوؤں کی ماں کی........! وہ تھوڑا سوچتا ہے اور اسی کوئلے سے دونوں ادھورے جملوں کے نیچے لکھتا ہے۔ دونوں کی ماں کی ........! حیوان کی حیوانیت سے بے زار انسانیت کا یہ افسانہ نگار اس سنسار میں ۱۹۱۲ء میں وجود میں آیا اور ۱۹۵۵ء میں ایک رات کو ہمیشہ کے لئے خاموش ہو گیا منٹو کو شراب کی عادت انھیں دنوں سے تھی جب وہ ممبئی میں تھے اور ثریا و بھارت بھوشن کے مرکزی کرداروں کے ساتھ سہراب مودی کے لئے مرزا غالبؔ لکھ رہے تھے۔ راجندر سنگھ بیدی کے ساتھ منٹو اس فلم کے رائٹر تھے۔ شراب کی بلا نوشی اکثر بڑی ذہانتوں کا شکار کرتی ہے۔ وہ بھی اس کا شکار ہوئے اور عمر کی صرف ۴۳ موم بتیاں جلا کر عدم کے اندھیروں میں گم ہو گئے۔ جانے کی ان کی اس عجلت نے مجھ سے ٹھنڈا گوشت ، کالی شلوار، کھول دو جیسی نہ جانے کتنی کہانیاں چھین لیں۔ منٹوؔ نے بھی اپنی زندگی اپنی طرح جی تھی۔ لیکن اس کے اس ڈھب سے مجھے یہ شکایت ہے کہ اگر میرے اور ان کی کہانیوں کے درمیان شراب نہ ہوتی تو میری لائبریری میں پڑھنے کے لئے اور بھی کچھ ہوتا۔ اس شراب نے مجھ سے وہ بہت کچھ چھین لیا جو ایک قاری کے روپ میں میرا اس پر قرض تھا۔ منٹوؔ میرا قرض دار ہے۔ اللہ اس کی مغفرت کرے۔ امیر مینائی ایک مطلع ہے :
بندہ نوازیوں پہ خدائے کریم تھا
کرتا نہ میں گنہ تو گناہِ عظیم تھا
منٹوؔ کی بے وقت موت سے پہلے شراب نے میرا ایک بڑا نقصان وہ کیا جو ٹونک کے شاعرِ رومان اختر شیرانی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اختر شیرانی مشہور محقق محمود شیرانی کے گھر میں راجستھان کے ایک تہذیبی شہر ٹونک میں ۱۹۰۵ء میں پیدا ہوئے۔ اور شراب کے تیزاب سے دل، پھیپھڑے اور جگر کو جلا کر ملکی آزادی کے ایک سال بعد ۱۹۴۸ء میں مٹی کے سپرد ہو گئے۔ اختر شیرانی بھی کبیرؔ کی طرح محبت کے شاعر تھے۔ فرق صرف اتنا تھا کہ کبیرؔ پریم کو مذہبی فرقہ واریت ختم کرنے کے لئے گاتے تھے اور اختر اس کی روشنی سے زندگی کو خوبصورت بناتے تھے۔ ان کے لفظ انسان کے چھپے حیوان کو جینے کے آداب سکھاتے تھے ، وہ صاحبِ طرز شاعر تھے۔ ان کے بعد آنے والے کم و بیش ہر شاعر نے وہ فیض ہوں ، ن۔ م راشد ہوں ، مجاز ہوں یا جاں نثار ہوں سب کے اپنے ابتدائی سفر میں اخترؔ کی رومانی شاعری ہی ہم سفر رہی تھی۔ اخترؔ شیرانی اپنے دور میں ، جوش و اقبال کی طرح اپنی طرز کے آپ موجد تھے۔ ان کی محبوباؤں کے کئی نام تھے۔ ان میں ریحانہ اور سلمیٰ کے افسانے زیادہ مشہور ہیں۔
دو دن میں کیا سے کیا ہو گئی ہے صورت
اللہ تیری قدرت /سلمیٰ سے دل لگا کر
بستی کی لڑکیوں میں بد نام ہو رہا ہوں
کالرج، منٹو، اختر شیرانی کے ساتھ میرے قرض داروں کے اور بھی کئی نام ہیں۔ ان میں ممبئی کے مرزا عزیز جاوید بھی ہیں ، نکودر پنجاب کے نریش کمار شادؔ بھی ہیں ، بھوپال کے محمد علی تاجؔ بھی ہیں۔ تاجؔ کے شعری مجموعہ ’خیمۂ گل‘ کے دیباچے میں جاں نثار نے آج کی غزل کی طرح داری ، چونکا دینے والا لہجہ اور سماجی بصیرت کی طرف اشارہ کیا ہے۔ جاں نثار کے لفظوں میں تاجؔ آج کی نسل کے ان چند شعراء میں سے ہیں جو صحیح معنوں میں اس بارِ امانت کو سنبھالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ لیکن یہ بارِ امانت ان کے لئے کافی بھاری ثابت ہو ا جسے ہلکا کرنے کیلئے وہ بھوپال کی بھٹیوں میں بننے والی کچّی شراب کی مدد لینے لگے اور خوبصورت شعر کہنے والا یہ شاعر جلد ہی اپنی بیاض بند کر کے رخصت ہو گیا۔ تاجؔ کا شعر ہے :
یہ تو انسانوں کے ٹوٹے ہوئے دل ہیں ساقی
ہم سے ٹوٹے ہوئے ساغر نہیں دیکھے جاتے
لیکن جاں نثار اخترؔ کی پیشین گوئی پوری ہونے سے پہلے ، یہ شاعر بہت سے سامعین و قارئین کا قرض دار بن کر کئی انسانوں کے دل توڑ کر قبر بن گیا۔ اس فہرست میں ایک نام اور ہے جس کے بارے میں اثر لکھنوی نے ایک بار کہا تھا۔ ایک شاعر پیدا ہوا تھا جسے ترقی پسند بھیڑیے اٹھا کر لے گئے۔ عصمت چغتائی نے اس کی مقبولیت کے بارے میں لکھا تھا۔ علی گڑھ میں گرل ہوسٹل کی لڑکیاں ہر رات سونے سے پہلے مجازؔ کا نام کاغذ پر لکھ کر یہ سوچ کر تکیے کے نیچے رکھتی تھیں کہ خدا جانے صبح مجازؔ کس کی قسمت بنے۔ اس کا نام اسرالحق مجاز (لکھنوی ) تھا۔ مجازؔ نے اپنی نظم ’آوارہ ‘ میں لکھا ہے۔
جی میں آتا ہے یہ مردہ چاند تارے نوچ لوں
اس کنارے نوچ لوں یا اس کنارے نوچ لوں
ایک دو کا ذکر کیا سارے کے سارے نوچ لوں
اے غمِ دل کیا کروں ، اے وحشتِ دل کیا کروں
مجازؔ، فیض کی دستِ صبا سے پہلے اپنے اکیلے مجموعے ’ آہنگ‘ کے شاعر بن چکے تھے۔ ان کے مداحوں میں شاعرِ انقلاب جوشؔ ملیح آبادی بھی تھے اور رئیس المتغزلین جگرؔ مراد آبادی بھی تھے۔ رومان و انقلاب کا یہ مغنی اپنی زندگی میں ہی نہایت مقبول ہو چکا تھا ، لیکن زندگی کے کئی تلخ حقائق کا سامنا کرنے کی اس میں ہمت کا فقدان تھا۔ ان کی شہرت ان حقیقتوں کی قبولیت کے آڑے آئی اور وہ فرسٹریشن کا شکار ہو گئے۔
بڑی مشکل ہے دنیا کا سنورنا
تری زلفوں کا پیچ و خم نہیں ہے
زندگی کے پیچ و خم وہ نہیں سلجھا پائے اور کئی محبوباؤں کا خواب، عین جوانی میں بے خواب ہو گیا۔ اس بے خوابی کو بہلانے کے لئے انھوں نے شراب کا سہارا تلاش کیا اور ۱۹۱۱ء میں یوپی کے ایک چھوٹے سے شہر ردولی (رزم اور باقر مہدی کا بھی یہی علاقہ تھا) میں پیدا ہو کر ۱۹۵۵ء میں لکھنؤ کے ایک شراب خانے میں ہمیشہ کے لئے دنیا کے الجھاؤ سلجھاتے سلجھاتے خود ہی اس میں الجھ کر رہ گئے۔ مجازؔ کے بارے میں نقادوں کی رائے ہے اگر وہ ۴۴ برس میں نہیں گزرتے تو آوارہ، ننھی پجارن، اب مرے پاس تم آئی ہو تو کیا آئی ہو اور ایسی دوسری غزلیں اور نظمیں لکھ کر قارئین کے وقت کو رنگین بنا سکتے تھے۔ مجازؔ نے بھی مجھ سے اچھی شاعری کا بڑا سرمایہ چھینا ہے۔ رانچی کے پاگل خانے میں مجازؔ نے دیوانگی کی حالت میں ایک ڈائری رقم کی تھی اسے بعد میں محمد حسن نے شائع کیا تھا۔ اس میں ایک جملہ تھا ، شاعر تو بس دو ہی ہیں۔ ایک مجازؔ اور دوسرا فیض، لیکن افسوس یہ ہے کہ فیضؔ کی کلیات کے مقابلے میں ان کے مجموعے کی ضخامت ایک چوتھائی سے بھی کم ہے۔ ریاضؔ خیر آبادی کا مطلع ہے :
یہ سر بہ مہر بوتلیں ہیں جو شراب کی
راتیں ہیں ان میں بند ہمار ے شباب کی
***
کلامِ اقبال کے چند متعلقات (نباتات و حیوانات) ڈاکٹر مختار شمیم
ہمارے نزدیک شاعرانہ عظمت کا تصور یہ ہے کہ کسی شاعر کے کلام میں فنی نظام کے ارتقا کے ساتھ آفاقیت کے امکانات کس حد تک موجود ہیں۔ اور یہ بھی کہ انسان اور کائنات کے باہمی رشتوں کے وسیلے سے تہذیبی اقدار کی جستجو کی لے کتنی تیز ہے۔
یقیناً اقبال اردو کے عظیم شاعر ہیں۔ ان کی عظمت کا ثبوت یہی ہے کہ اب تک ن کے فکر و فن کی کئی جہتیں سامنے آ چکی ہیں۔ لیکن اس کے باوجود ان کے کلام کے رموز اور عصرِ حاضر میں ان کی معنویت کے اسرار ہنوز ہم پر کھل نہیں سکے ہیں۔ اقبال کے فکر و فن سے متعلق فرمودات کا جائزہ بھی لیا جاتا رہا ہے تا ہم تشنگی سرابوں کے سفر سے گذر کر حقیقتوں کے سر چشموں تک رسائی کے لیے اصرار کرتی رہی ہے۔
میں یہ بات پھر دوہرانا چاہتا ہوں کہ بنیادی طور پر اقبالؔ کی شاعری کائنات او ر اس کے اسرار سے وابستہ ہے۔ بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ کائنات کے پیہم سر بستہ رازوں کو منکشف کرنے میں انھوں نے اپنی تخلیقیت کو جواز بنایا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کی فکر کے ساتھ سا تھان کا فن اور ان کی شاعرانہ افتادسے پے بہ پے بلندیوں کی خبر ملتی ہے۔ تا ہم میرا ناقص خیال یہ بھی ہے کہ جو لوگ اقبالؔ کی شاعری میں روحانی ارتقاء کے متلاشی ہیں ، وہ شاید یہ بھول جاتے ہیں کہ روح اگر جوہر ہے اور قائم بالذات ہے تو اس کی اہمیت اور اس کا اظہار مادہ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ اسی لیے انسان اور کائنات باہم ایک دوسرے یک لیے لازم و ملزوم ہیں۔ یہ کائنات یا موجودات جو در اصل مادہ کی جولانگاہ ہے اس کا ابدیت سے تعلق کا پیدا ہونا اس لیے بھی ضروری تھا کہ طبعیات سے ما بعد الطبعیات کے سفر کی دل پذیر حکایت بیان ہو سکے۔
اقبالؔ کی شاعری کو آپ ’’شاعری جز ویست از پیغمبری‘‘ کے حوالے سے یاد کریں یا اسے کچھ اور نام دیں لیکن یہ نہ بھولیں کہ اقبالؔ ایک حساس اور با شعور شاعر ہیں اور وہ یہ خوب جانتے ہیں کہ یہ رنگا رنگ کائنات ہی انسان کی تقدیر کو روشن کر سکتی ہے۔ اگر وہ اسے اپنی آسودگی کا ذریعہ بنانا چاہے کہ اسے اس کی تسخیر کا اختیار بھی ملا ہوا ہے۔ چنانچہ تخلیق آدم کے ساتھ ہی ساتھ کائنات اور اس کی بو قلمیوں اور رنگا ر رنگیوں کے ذریعے اس کی دلچسپیوں کے سامان فراہم کر دیے گیے اور اس پر یہ منکشف کر دیا گیا کہ حرکت و عمل ، کائنات کی تسخیر کا اصل نسخہ ہے۔ جب تک اس کائنات میں ارضِ حیات پر آدم اپنی زندگی کے نغمے گاتا رہے گا ، اس وقت تک کن فیکون کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ گو یا یہ آدمِ خاکی جو ’’کوکبی و مہتابی ‘‘کی سرشت رکھتا ہے وہ محض اپنے ماحول کا اسیر رہ کر زندگی کرنا نہیں چاہتا بلکہ physical agentکا حق بھی اسے ادا کرنا ہے ، پھر اسی وسیلے سے انسان، انسانیت کے مرتبہ کو پہنچتا ہے۔ اسی لیے اقبالؔ نے اپنی شاعری کا محورتسخیر کائنات کے اصول پر رکھا اور ارضیات سے اپنا رشتہ مضبوط کیا تاکہ زندگی کی سچائیاں سامنے آ سکیں۔ ان کے نزدیک زندگی کی تابندگی اور پایندگی حرکت و عمل کی بدولت ہے ، چوں کہ سوز و ساز، درد و داغ اور جستجو و آرزو سے زندگی کو نئی قوت عشق کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے اور عشق بہر حال حرکت و عمل سے معتبر ہے جو خودی کا منصب عطا کرتا ہے اور اسی خودی کی بدولت تسخیر فطرت کا کام انسان کے لیے آسان ہو جاتا ہے۔ اسلوب احمد انصاری کے بقول ’’ انسان ایک ارتقاء پذیر اکائی ہے اور اپنے آپ کو پانے کا عمل ہی زندگی کے ہم معنی ہے۔ ‘‘چنانچہ انسان کے ارتقائی عمل کو بروئے کار لانے کے لیے اقبالؔ نے مختلف کرداروں اور علامتوں کو اپنی شاعری میں جگہ دی ہے تاکہ زندگی کے تحرک کے لیے مختلف علامتیں نہ صرف ان کے شاعرانہ اسلوب کو دو چند کر سکیں بلکہ ان کے فلسفیانہ مزاج کی نمائندگی بھی کر سکیں مثال کے طور پر ’’ گل و لالہ ‘‘ کے علامات ان کی شاعری میں ایک مستقل حیثیت رکھتی ہیں۔ ’’ گل‘‘ کا استعارہ بھی مادہ سے ہی تعلق رکھتا ہے کہ اس کا جز و خاص ہے۔
بات یہ کہ ہمارے لیے کائنات میں دل چسپیاں اسی وقت پیدا ہو سکتی ہیں کہ جب تک عرصۂ حیات میں ارض و فلک اور اس کے ما بین رنگا رنگی ہمیں متوجہ نہ کرے۔ کائنات کی تشکیل میں ارکان ثلاثہ کا ذکر اردو کے کلاسیکی ادب میں خوب کیا جا تا رہا ہے۔ علم جغرافیہ میں ویگنر (Wagenar) کے نظریے کے علاوہ theory of isostacyکے علایم پر مزید غور و فکر کر نے سے پتہ چلتا ہے کہ جمادات، نباتات اور حیوانات در اصل ہماری زمین کو اسی لیے جنت نظیر بنائے ہوئے ہیں کہ ان میں متنوع رنگ اور گونا گوں خصوصیات موجود ہیں۔ اور یہی انسانی زندگی اور اس کے تمدن اور تہذیبی ارتقاء کی ضمانت بھی ہیں۔ روحانیت کے فروغ اور ارتقا کے لیے بھی مادی وسائل اور اسباب لازمی ہیں۔ بات خوبصورت مناظر کی ہو ، درختوں کے لہلہانے ، پھولوں کے کھلنے اور کلیوں کے چٹکنے کی ہو۔ جانوروں اور پرندوں کے خواص کی ہو____یہ سب انسان کی ضرورت ہیں بلکہ اس کے عادات، مزاج اور اخلاق کی تعمیر میں معاون و مددگار بھی ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ انسان فطرتاً آزاد پیدا ہوا ہے ، زندگی کی نشو و نما کے لیے گویا یہ آزادی شرط اولین ہے۔ ارض کائنات کی ہر چیز، پہاڑوں کی بلندی، درختوں کی پر شوق ہریالی اور پرندوں کی بلند پروازی یہاں تک کہ درندوں اور چرندوں کی بے راہ روی بھی۔ انسان کو آزادی کا پہلا درس دینے میں مددگار ہیں۔ جھیلوں ، چشموں ، ندیوں اور سمندروں نے تو اس کی سوچ کو مزید گہرائیاں عطا کی ہیں۔ اسی لئے انسان فطرت کے نقابوں کو الٹنے کے لیے بے تاب رہتا ہے کہ یہ جغرافیائی عناصر اس کے احساسات اور جذبات کو بھی نئے نئے رنگ دیتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ متنوع کیفیات ، باعث بنتی ہیں ، انسان کی روح کے داخلی سفر کا :۔ اقبالؔ کی ایک مشہور نظم ’’ لالۂ صحرا‘‘ ہے ’’لالہ‘‘ اگر چہ طبعی وجود رکھتا ہے لیکن اقبالؔ کے یہاں یہ ایک علامت ہے۔ اسلوب احمد انصاری کا تو یہ کہنا ہے کہ ’’ ایک طبعی وجود کی حیثیت سے وہ جذبۂ شوق کا مظہر ہے ، اور اسی کے ساتھ وہ نفس محدود finite selfکی علامت بھی ہے جو ایک راہ گم کردہ مسافر کی طرح زمان و مکان کے حصار کے باہر اپنی ازلی منزل کا متلاشی ہے ، (ص۱۴۱، اقبالؔ کی تیرہ نظمیں )
بھٹکا ہوا راہی میں بھٹکا ہوا راہی تو
منزل ہے کہاں تیری اے لالۂ صحرائی
تو شاخ سے کیوں پھوٹا ، میں شاخ سے کیوں ٹوٹا
اک جذبۂ پیدائی ، اک لذتِ یکتائی
’’جذبۂ پیدائی‘‘ اور ’’ لذت یکتائی‘‘ دونوں ہی لفظ وجود ( ہست) اور روح کی مراجعت یعنی نیست کی خواہش کا اظہار ہیں۔ زندگی اور موت کا سفر زمان و مکان و لا مکان کا مسلسل سفر ہے ، چنانچہ اقبالؔ نے اس خیال کو مرئی پیکر کی صورت میں اس طرح ادا کیا ہے۔
گل اسی شاخ سے ٹوٹتے بھی رہے
اسی شاخ سے پھوٹتے بھی رہے
لیکن ان کا یقین ہے کہ ابدیت ، فطرت سے ما ورا ہے
یہ نغمہ فصل گل و لالہ کا نہیں پابند
بہار ہو کہ خزاں لا الٰہ الّاللہ
غرض یہ کہ اقبالؔ نے جب زندگی کے عرفان و ادراک کو فلسفیانہ نقطۂ نگاہ سے آشنا کیا تو ان کی شاعری میں روایتی تصورات کی بجائے متحرک اور با معنی تشبیہات استعارات نے پیکریت کا عمل اختیار کیا اور ایک تخلیقی قوت کا احساس دلایا۔ یہی وجہ ہے کہ گل و بلبل کی روایتی داستان کی بجائے ’’ لالۂ صحرا‘‘ اور کنجشک فرومایہ و شاہین و عقاب کے ذریعے سے زندگی کی حرکیت اور اس کے ارتقائی منازل کے انھیں استعارہ بنا کر پیش کیا۔ بقول آل احمد سرورؔ ’’ کتنے ہی جادوئی استعاروں کی مدد سے ایک فلسفہ کو پگھلا کر شعر کا لاوا بنایا گیا ہے۔ ‘‘ مظاہرِ حیات کے مختلف درجے اور سطحیں ان میں شامل ہیں ‘‘__
کبوتر کہیں آشیانے سے دور
پھڑکتا ہوا جال میں نا صبور
لیکن اقبالؔ کے پسندیدہ پرندے شاہین و عقاب ہیں کہ ان میں زندگی کی حرکت موجود ہے اور وہ خودی کے جویا ہیں۔ جو تمکنت اور با وقار زندگی ان کے خصائص میں سے ہے۔
گرماؤ غلاموں کا لہو سوزِ یقیں سے
کنجشک فرو مایہ کو شاہیں سے لڑا دو
یا جب وہ یہ کہتے ہیں کہ ’’ لڑا دے ممولے کو شہباز سے ‘‘ تو ان کا مقصد ہر گز ہرگز جنگجوئی کو طلب کرنا نہیں ہے بلکہ آبرو مندانہ زندگی کرنے کا مطالبہ ہے۔ اردو شاعری میں گل و بلبل کی روایتی داستانوں کے بر خلاف ’’ پرندے کی فریاد‘‘ میں جب یہ تڑپ ابھری کہ
آزاد مجھ کو کر دے او قید کرنے والے
میں بے زباں ہوں قیدی تو چھوڑ کر دعا لے
تو اس سے انسان کی فطری آزادی کی ’’ لے ‘‘ ابھر کر سامنے آئی اور آہستگی سے انقلاب کی ایک آہٹ سی سنائی دی۔ اگر چہ کہ یہ مثال اقباؔل کے ابتدائی کلام سے ہے ، بعد میں تو ان کی شاعری میں نظامِ زندگی کی ترجمانی کے لیے گرگس و شاہین کے مقام و مرتبہ کا بھی بر ملا اظہار کیا گیا ہے ____
پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا سے
گرگس کا جہاں اور ہے شاہیں کا جہاں اور
تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں
اقبالؔ کے پیش نظر اقوام عالم کی تاریخ تھی۔ اعلیٰ کردار کے نمونے تھے۔ با اخلاق اور با وضع شخصیتوں کی مثال بھی موجو د تھی۔ چوں کہ وہ دور رس نگاہ رکھتے تھے اور جانتے تھے کہ زندہ قومیں کس طرح جہاں بانی کے فرائض انجام دیتی ہیں۔ چنانچہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی ذہنی قوتوں کو مثبت سمت دینے کے لیے اقبالؔ نے بچوں کے لیے بھی نظمیں لکھیں۔ وہ یہ خوب جانتے تھے اور ہمیں بھی یہ پتہ ہے کہ بچے مثال کے ذریعے بہت جلد کوئی بات ذہن نشین کر لیتے ہیں او ور مثال بھی سامنے کی ہو، پرندوں اور جانوروں کی گفتگو ہو تو کیا کہنا۔ اقبالؔ کا چوں کہ مطالعہ وسیع تھا اور انھیں مغربی ادب اور مغربی خیالات سے کما حقہ واقفیت تھی اس لیے بچوں کی ذہنی تربیت کے لیے انھوں نے انگریزی خیالات سے اپنی بعض نظموں میں استفادہ کیا ہے اور انھیں ہندوستانی رنگ میں ہی پیش کیا ہے۔ کیڑے مکوڑوں اور پرندوں کی تمثیل کے ذریعے انھیں بچوں کا روشن مستقبل بنانے اور انھیں مہذب ادا سکھانے کی بھر پور سعی کی ہے جو ان کے اخلاق و کردار کی تعمیر میں کار آمد ثابت ہو سکے۔
مجلہ سفینۂ یاد گار اقبالؔ نمبر میں ڈاکٹر سید حامد حسین مرحوم کا ایک وقیع مضمون شایع ہوا تھا ، جس میں انھوں نے اقبالؔ کی بچوں کے لیے بعض ماخوذ نظموں کا سیرِ حال تنقیدی جائزہ لیا ہے۔ ’’ ایک مکڑا اور مکھی‘‘ کو انھوں نے میری ہو وٹ کی ایک انگریزی نظم کا براہ راست ترجمہ بتایا ہے۔ میری ہو وٹ کی نظم چوالیس سطروں میں ہے جب کہ اقبالؔ نے اڑتالیس مصرعوں ، یعنی کل چوبیس شعروں میں مضمون باندھا ہے۔ اقبالؔ کی خوبی یہ ہے کہ انھوں نے ’’ جن تفصیلات کا اضافہ کیا ہے وہ مکڑے کے بناوٹی اپنے پن کے احساس کے خوشامدانہ لہجے کے لیے بہت بر محل ہے۔ ‘‘ (ص۵۱)
سو کام خوشامد سے نکلتے ہیں جہاں میں
دیکھو جسے دنیا میں خوشامد کا ہے بندہ
ڈاکٹر اکبر حسین قریشی نے بھی اقبالؔ کی ایک نظم ’’ گائے اور بکری‘‘ کو جین ٹیلر کی نظم The Cow and the Assکا براہ راست ترجمہ قرار دیا ہے۔ تا ہم اقبالؔ نے حسب موقع اور ضرورت اس نظم میں ترمیمات کی ہیں۔ پہلی تو چیز تو یہی کہ گدھے کی جگہ بکری کو لیا ہے جو شاید ہمارے ادب اور معاشرے میں مضحکہ خیز صورت نہیں ہے۔
’’ پہاڑ اور گلہری ‘‘ ایمرسن کی نظم کا ترجمہ ہے۔ اس نظم کے ذریعے اقبالؔ یہ تاثر دینے میں کامیاب ہیں کہ دنیا میں کوئی چیز چھوٹی اور بڑی نہیں ہوتی۔ ہر ایک کی اس کارخانۂ حیات میں ایک اہمیت ہے اور اس کی زندگی کا کوئی نہ کوئی مقصد ہے۔ گلہری کی زبان میں
جو میں بڑی نہیں تیری طرح تو کیا پروا
نہیں ہے تو بھی تو آخر مری طرح چھوٹا
جو تو بڑا ہے تو مجھ سا ہنر دکھا مجھ کو
یہ چھالیہ ہی ذرا توڑ کر دکھا مجھ کو
اسی طرح اقبالؔ نے کوپر کی ایک نظم A nightingale & glow warmسے اپنی دو نظموں میں استفادہ کیا ہے۔ ’’ ہمدردی ‘‘ اور ’’ ایک پرندہ اور ایک جگنو‘‘ میں لیکن انھوں نے نئی معنویت سے کام لیا ہے۔ ڈاکٹر سید حامد حسین کی رائے میں ____’’ اقبالؔ نے ان نظموں میں بنیادی خیالات یا بعض تفصیلات دوسرے شعرا ء کے کارناموں سے مستعار لی ہیں ، لیکن بسا اوقات انھوں نے اپنی نظم کی تشکیل اپنی ذاتی، فنی اور فکری ترمیمات کے پیش نظر کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ منظومات کلام اقبال میں کوئی بے تعلق پیوند نہیں معلوم ہوئیں۔ بلکہ وہ اقبالؔ کے فنی شعور اور فکری رجحانات سے ہم آہنگی رکھتی ہیں۔ ‘‘ (ص۷۴)
در اصل اقبالؔ کی شاعری میں بڑا تنوع ہے۔ کہیں کہیں تو انھوں نے اپنی تمثیل اور استعارہ کی بدولت ایک لطیف طنز کی کیفیت کو بھی ابھارا ہے۔ ایک نظم میں شیر، خچر سے پوچھتا ہے۔
مالکان صحرا میں تو ہے مگر سب سے الگ؟
کون ہیں تیرے ابّ و جد ، کس قبیلے سے ہے تو
خچر کا فخریہ جواب ملاحظہ فرمائیے
میرے ماموں کو نہیں پہچانتے شاید حضور!
وہ صبا رفتار شاہی اصطبل کی آبرو
مریدان پیر و حرم پر تبصرہ کرتے ہوئے اقباؔل کے طنز کی کاٹ کا جواب نہیں ہے۔ ’زاغوں ‘ اور عقابوں ‘ کے استعارہ نے کیا خوب مفہوم پیدا کیا ہے۔
میراث میں آئی ہے انھیں مسندِ ارشاد
زاغوں کے تصرف میں عقابوں کے نشیمن
مختصر یہ کہ کائنات اور اس کے متعلقات نہ صرف انسان کے اس کے اشرف المخلوقات ہونے کا ثبوت بہم پہنچاتے ہیں بلکہ اس کے لیے تسخیر فطرت کا ایک اہم حصہ بھی بنتے ہیں۔ وہ زندگی کے نشو و نما اور اس کے ارتقائی عمل کا بہترین عنصر ثابت ہوتے ہیں۔ اقبالؔ کی شاعری اصل میں اس دیدہ ور اور دانشور کی پہچان ہے جس کے لیے نرگس کو ہزاروں سال اپنی بے نوری پر رونا پڑا ہے۔ اقبالؔ کے کلام کی دل آویز تشبیہات اور جمیل و جلیل استعارات کی رنگ آمیزی نے ان کی شاعری کو پر نور اور جاذب نظر بنایا ہے۔ ان کی شاعرانہ فکر نے جذبے اوراحساس کو آبرو مندانہ زندگی کی میزان عطا کی ہے۔ حضرت علیؓ کا قول ہے کہ ’’ذلت کی زندگی سے عزت کی موت بہتر ہے ‘‘ اسی شمع خیال سے اقبالؔ نے اپنا شعرِ چراغ روشن کیا ہے ___
اے طائرِ لاہوتی اس رزق سے موت اچھی
جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی
***
علامہ اقبال کی آفاقیت ڈاکٹر عبد الغنی
ڈاکٹر اقبال کا نام اور ان کی شاعری اس بات کی محتاج نہیں ہے کہ ان کی عظمت اور آفاقیت کی نشان دہی کی جائے۔ ۔ اقبالؔ کا کلام دوسرے شعرا سے مختلف ہے۔ اقبالؔ کی شاعری میں عظمتِ رفتہ کے واقعات ہیں ، لیکن جمود اور پژمردگی نہیں ہے انھوں نے جوش و جذبہ اور ولولے کے ساتھ آنے والے کل کو سنوار نے اور دنیا کے سامنے اپنی اہمیت منوانے پر زور دیا ہے۔ انھوں نے خودی کا صرف ذکر نہیں کیا بلکہ عمل پیہم کے ذریعے فرد کی خودی کو بلند کرنے کا پیغام بھی دیا ہے۔ اقبالؔ نے اکثر و بیشتر جگہ نو جوانوں کو عمل پیہم اور زندگانی فاتحِ عالم کا درس دیا ہے۔ وہ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں :
نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر
تو شاہیں ہے ، بسیرا کر ، پہاڑوں کی چٹانوں میں
فرد کی خودی کی تشریح کو انھوں نے کس بلیغ انداز سے پیش کیا ہے :
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
اردو شاعری میں ولیؔ دکنی سے لے کر میرؔ ، غالبؔ، آتشؔ، ناسخؔ، اور اس کے بعد سبھی شعرا نے غمِ دوراں کے ساتھ غمِ جاناں کو بھی اپنی شاعری کا موضوع بنایا ہے۔ اگر یوں کہا جائے تو غلط نہ ہو گا، غمِ جاناں کا ذکر ہی نہیں بلکہ گیسو و رخسار، حسن و عشق، چشم و ابرو، فراق و وصال، عشوہ و ناز کی وہ حکایتیں اپنی شاعری میں پیش کی ہیں جس کو پڑھنے سے عشق و محبت کے سر بستۂ راز اور ان کی گرہیں کھلتی نظر آتی ہیں۔ جذبات عشق و محبت، فراق و وصال کے واقعات کو اردو شعرا نے اس طرح نظم کیا ہے کہ قاری خود کو اس کا ایک حصہ سمجھنے لگتا ہے۔
لیکن اقبالؔ کی شاعری کی عظمت و آفاقیت محبوب کے عشق کی محتاج نہیں۔ اردو ناقدین نے اقبالؔ کی شاعری کے ایک ایک لفظ اور ایک ایک شعر کی تشریح کی ہے۔ ان کی زندگی اور سوچ و فکر کے سبھی پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے لیکن اس بات کے سبھی قائل ہیں کہ اقبالؔ کی شاعری کسی ’’ عورت‘‘ کے عشق کی محتاج نہیں۔ غمِ دوراں حدیثِ پاستاں کا ذکر تو ہے لیکن اس گذرے ہوئے کل پر نہ تو وہ گریہ کناں ہیں اور نہ ہی ماتم کرتے نظر آتے ہیں۔ زمانے کی تبدیلی کے واقعات جب ان کے سامنے آتے ہیں تو ان کا تبصرہ بھی بہت عالمانہ ہوتا ہے۔ جو سوچ و فکر کی بہت سی راہیں ہموار کر تا ہے اور اہلِ بصیرت کے لیے غور و فکر کے بہت سے مواقع فراہم کر دیتا ہے۔ بیسویں صدی کے اوائل میں جب انگریزوں نے ہندوستان میں مذہبی تفرقہ ڈالنے کی کوشش کی تو اقبالؔ کے قلم نے ان اشعار کی تخلیق کی۔ ان کی نظم تصویرِ درد انھیں اشعار سے شروع ہوتی ہے :
نہیں منت کشِ تابِ شنیدن داستاں میری
خموشی گفتگو ہے ، بے زبانی ہے زباں میری
اٹھائے کچھ ورق لالے نے ، کچھ نرگس نے ، کچھ گل نے
چمن میں ہر طرف بکھری ہوئی ہے داستاں میری
نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے ہندوستاں والو
تمہاری داستاں تک بھی نہ ہو گی داستانوں میں
دنیا بھر کی کتب میں شیطان اور ابلیس کا ذکر کہاں کہاں اور کتنی مرتبہ آیا ہے کسی بھی سروے سے اس کا تجربہ نہیں کیا جا سکتا اور نہ کوئی یہ لکھ سکتا ہے کہ کتنی لاکھ مرتبہ شیطان یا ابلیس پر لعنت بھیجی گئی۔ ابلیس کا نام آتے ہی ایک منفی خیال اور اس سے متعلق الفاظ زبان پر آ جاتے ہیں۔ اہلِ علم نے لاکھوں مرتبہ اپنے قلم سے ابلیس پر لعنت و مردود ہونے کے لفظ لکھے ہوں گے لیکن یہ اقبالؔ ہی تھے جنھوں نے ’’مکالمہ جبرائیل و ابلیس ‘‘ میں حضرت جبرائیل سے ابلیس کو ہم دمِ دیرینہ کہہ کر مخاطب کرایا۔ اور اس سے جہانِ رنگ و بو کی کیفیت دریافت کی۔
’’ مکالمہ جبرائیل و ابلیس‘‘ مسجدِ قرطبہ، لینن خدا کے حضور میں ، ، تصویرِ درد‘‘ ان کے کلام کے یہ تینوں نمونے سوچ و فکر کے تین الگ الگ زاویے ہیں۔
مکالمہ جبرائیل و ابلیس ‘‘ میں انھوں نے ابلیس پر لعنت ملامت کی جگہ اس کے کارناموں کو کس بلیغ انداز میں قاری کے سامنے پیش کیا ہے اور ابلیس کی گمراہی کو سہلِ ممتنع بنا کر اس طرح پیش کیا ہے :
ہے مری جرأت سے مشتِ خاک میں ذوقِ نمو
میرے فتنے جامۂ عقل و خرد کا تار پو
گر کبھی خلوت میسر ہو تو پوچھ اللہ سے
قصۂ آدم کو رنگین کر گیا کس کس لہو؟
میں کھٹکتا ہوں دلِ یزداں میں کانٹے کی طرح
تو فقط اللہ ہو ، اللہ ہو، اللہ ہو
اقبالؔ نے امت مسلمہ کے مسائل پر ہمیشہ قلم اٹھایا۔ اس امت کی پستی پر کبھی انھوں نے آنسو نہیں بہائے بلکہ اخلاقی قدروں کو بہتر بنانے کا عزم پیدا کرنے کی ترغیب دی۔ لاہور میں مال روڈ سے تقریباً ایک کلو میٹر کے فاصلے پر لبِ سڑک ایک رات میں جب مسلمانوں نے مسجد بنائی تو اس واقعہ پر اقبالؔ نے مسلما نان لاہور کی تعریف و توصیف کی بجائے اپنے دل کا درد اس طرح بیان کیا :
مسجد تو بنا دی شب بھر میں ایماں کی حرارت والوں نے
من اپنا پرانا پاپی ہے ، برسوں میں نمازی بن نہ سکا !
اقبالؔ اپنے دور کے مسلمانوں کی معاشی، سیاسی، سماجی، اور معاشرتی زندگی کے حالات سے مطمئن نہیں تھے۔ ان کے ذہن میں امت مسلمہ کی شان دار روایات تھیں وہ مسلمانوں کی بہترین ذہنی تشکیل کرانا چاہتے تھے۔ انھوں نے اپنے مقصد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان عظیم المرتبت شخصیات کی زندگی کو اپنے سامنے رکھا جنھوں نے رضائے الٰہی کے لیے فرزند کے گلے پر چھری چلانے سے بھی انکار نہیں کیا۔ عزم ثبات کی عدیم المثل قربانی دنیا کے سامنے پیش کی۔ اقبالؔ نے اس قربانی کو کس طرح سے شعر کے قالب میں ڈھالا ہے۔ :
یہ فیضانِ نظر تھا یا کہ مکتب کی کرامت تھی
سکھائی کس نے اسماعیل کو آداب فرزندی
حضرت ابراہیم نے اپنے چچا آزر کے بتوں کے کان، ناک عہدِ طفولیت میں توڑ کر الوہیت کا راز آشکارا کر دیا تھا۔ اس واقعہ کے ذریعے بھی اقبالؔ نے ذہنوں کو بیدار کر نے کی کوشش کس طرح کی ہے۔ :
بُت شکن اٹھ گئے ، باقی جو رہے بت گر ہیں
تھا ابراہیم پدر اور پسر آزر ہیں
اور اقبالؔ کا یہ شعر نہ جانے کتنی مرتبہ اور کن کن موقعوں پر پچھلے نوے سالوں سے پڑھا جاتا رہا ہے
آگ ہے ، اولادِ ابراہیم ہے ، نمرود ہے
کیا کسی کو پھر کسی کا امتحاں مقصود ہے
اقبالؔ کے دل میں ملت اسلامیہ کا درد کتنا زیادہ تھا اور مسلمانوں کی گرتی ہوئی ساکھ اور زندگی کی کجروی پر کتنے فکر مند تھے وہ اس شعر کے ہر لفظ سے عیاں ہے۔
سن اے تہذیب حاضر کے گرفتار
غلامی سے ہے بہتر بے یقینی
اقبالؔ کی نظم کا یہ شعر مغربی تہذیب کے بڑھتے ہوئے اثرات کو آج بھی نمایاں کر رہا ہے۔ اپنی نظم دنیائے اسلام میں انھوں نے ان بڑھتے ہوئے اثرات کو بیان کیا ہے۔ :
لے گئے تثلیث کے فرزند میراث عمل
خشت بنیادِ کلیسا بن گئی خاکِ حجاز
اقبالؔ نے اپنے کلام کے ذریعہ ساری دنیا کو عام طور پر امت مسلمہ کو خاص طور پر جہدِ مسلسل کا سبق دیا پستی سے عروج کی طرف عزم مسلسل کی تعلیم دی۔ اقبالؔ کی منزلِ مقصود تو یہ تھی کہ ان کے کلام میں اجتماعی شعور کی بو باس بھی موجود ہو اور اول العزمی کی تعلیم بھی ہو۔ جو قاری کے دل میں اترتی چلی جائے اس میں دروں بینی، داخلیت پسندی اور انکشافِ ذات کا عمل بھی ہو اور سماجی، فکری نوعیت کے خارجی تجربے بھی اس کے لیے شجرِ ممنوعہ کی حیثیت نہ رکھیں اس میں قومیت، وطنیت اور تصوف یہ سب سما جائے لیکن اشارات و کنایات کے انداز میں رموز کے رنگ میں تحیر و مستی میں تحلیل ہو کر۔
پروفیسر آل احمد سرور نے اقبالؔ کی شاعری کے بارے میں کہا ہے۔
’’اقبالؔ کی شاعری محض ایک شیریں دیوانگی نہیں اس کی غرض محض عمر رفتہ کو آواز دینا نہیں ، یہ ایک نئی دنیا کی تعمیر کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔ پھر اس تعمیر کے لیے بنیادیں بھی استوار کرتی ہے۔ یہ محض حدیث و دلبری یا بادہ و مینا و جام یا جلترنگ کو کافی نہیں سمجھتی۔ لہو ترنگ، خارا شگافی شکوۂ خسروی سکھاتی ہے۔ یہ محض زمانے کی داستان نہیں افسوں و افسانہ نہیں ، اس میں ایک فکری ، ایک مرکزی تصور ، ایک نظامِ حیات، آفاقیت، روحِ عصر ، موجودہ دور کے نت نئے مسائل کا احساس غرض بیسویں صدی کی روح جلوہ گر ہے۔ ‘‘
****
اجراء بمعہ مجرا...
منظور عثمانی
ایک زمانہ تھا کہ مصنف کی گود کنواری ماں کی طرح چپ چاپ ہری ہو جاتی تھی۔ نہ دھوم دھڑاکا، نہ شور و شغف۔ بس کتاب چھاپی اور بازار میں پہنچا دی۔ لیکن آج چاہے کتاب آ ہی گئی ہو لیکن اس وقت تک وجود میں نہیں آتی جب تک اجراء نہیں ہو جاتا۔ جس طرح سماج کی نظروں میں وہ نکاح ، نکاح نہیں مانا جاتا تا آنکہ باجے گاجے کے ساتھ اعلان نہ ہو جائے۔ ٹھیک اسی طرح کتاب بھی غیر منکوحہ گردانی جاتی ہے جب تک کسی بڑے کے ہاتھوں رونما نہ ہو جائے۔
اب آج کے دور میں بڑوں کی کمی تو ہے نہیں بڑے بڑے پڑے مل جاتے ہیں ایک ڈھونڈو ہزار مل جاتے ہیں۔ ذرا کسی تقریب کا بہانہ کیجئے۔ حاضر زبانِ حال سے کہتے ہوئے
مہرباں ہو کے بلا لو ہمیں چا ہو جس وقت
آج بڑوں کا ملنا یوں بھی آسان ہو گیا ہے کہ سائل سے زیادہ خود یہ حضرات متمنی ہو تے ہیں مدعو کیے جانے کے۔ پہلا دور تو رہا نہیں کہ تحسین نا شناس گالی کی طرح لیا جاتا تھا۔ اب تو سب سے بڑی موزونیت با رسوخ، صاحبِ اقتدار یا زر دار ہوتا ہے اور اگر حسنِ اتفاق سے صاحبِ صدر مرضِ سخن فہمی میں بھی مبتلا ہوں تو واہ واہ!صاحب گرم پاپے کی طرح بکنے لگتے ہیں۔
کہاوت ہے کہ لاغر گدھی نو من لدی۔ آج اردو زبان کا حالِ زار بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ جتنی جتنی پڑھنے والوں کی کمی واقع ہو رہی ہے اتنی ہی ہی زیادہ کتابیں چھپ رہی ہیں۔ بقول شجاع خاور
جدھر دیکھیے اک قلم کار ہے
نہیں ہے تو قاری نہیں ہے میاں
ڈر ہے کہیں بے چار ی اردو اپنے ہی بوجھ کے تلے آ کر جاں بحق نہ ہو جائے۔ اس پر لطف یہ کہ جس معیار کی کتابیں تولد ہو رہی ہیں انھیں چاہ کر بھی پڑھنا بڑے دل گردہ کا کام ہے۔ یوں بھی چھپنا ان کتابوں کے سر تہمت ہی ہے۔ وہ تو بس چُھپنے کے لیے ہی چھپتی ہیں۔ ہاں اتنا ضرور ہے کہ کچھ دنوں کے لیے ردّی کے داموں میں گراوٹ ضرور آ جاتی ہے۔
عجیب بات ہے کہ جوں جوں اردو کا چلن کم ہو رہا ہے ، رسمِ اجراء فروغ پا رہی ہے۔ اتنی محنت سے کتاب نہیں لکھی جاتی جتنی لگن اور چاؤ سے اجراء کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ فی زمانہ ایک دوڑ لگی ہے پہچان قایم کرنے کی ، کتاب بھی اسی کا ایک وسیلہ ہے۔ اس میں ایک سہولت یہ بھی ہے کہ اگر خود لکھنے کی توفیق نہ ہو تو اپنے نام سے دوسرے سے لکھوائی جا سکتی ہے۔ چونکیے نہیں ، جب دوسرے سے تھیسس thesisلکھوا کر ڈاکٹر کہلائے جانے کا شرف حاصل کیا جا سکتا ہے تو دوسرے کی لکھی کا اجراء کیوں اپنے نام سے نہیں کرایا جا سکتا۔ ایک بار جیسے تیسے خالقین کتب کی فہرست میں آپ کا نام نامی درج ہو جائے تو پھر آپ کو مصنف کہلائے جانے سے کون مائی کا لال روک سکتا ہے۔
کتاب ایک بار بطنِ مادر (پریس)سے بر آمد ہوئی تنگ جوتے کی طرح کاٹنے لگتی ہے تا وقتیکہ کسی مرد عظیم کے ہاتھوں اس کی رونمائی نہ ہو جائے۔ ادھر ملنے جلنے والے بھی سوال کر کر کے پریشان کر ڈالتے ہیں ’’میاں ! اجراء کب کر وا رہے ہو ‘‘لہجے میں کچھ انداز ایسا ہی ہوتا گویا پوچھ رہے ہوں ’’بٹیا کے ہاتھ کب پیلے کرا رہے ہو؟‘‘
یوں دیکھا جائے تو رسمِ اجراء کچھ بیٹی بیاہنے سے کم جھمیلے کا کام ہے بھی نہیں۔ شادیوں کی مانند ہال بک کرانا ہوتا ہے ، کارڈ چھپوا کر مدعوئین کے گھروں پر پہنچائے جاتے ہیں۔ نکاح خواں ( قاضی) کی طرح مہمان خصوصی کا بند و بست کیا جاتا ہے جو کتاب کا گھونگھٹ (مہ پوش دری) تالیوں کی گڑگڑاہٹ کے بیچ اٹھا سکے۔ دعوت نامے میں کانے کھدروں ، کالے پیلوں سے رونق بڑھانے کی درخواست کی جاتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ رونق بڑھے یا نہ بڑھے بھیڑ تو بڑھ ہی جاتی ہے۔ اس موقع پر دور دور کے رشتہ داروں کی یاد آتی ہے نتیجے کے طور پر ایک سے ایک بڑا اس محفلِ ادب میں پایا جاتا ہے۔ پوچھا جائے ’’حضرت! خیریت تو ہے ؟ کیسے تشریف لائے ؟‘‘ تو نظریں چراتے ہوئے ایسے جواب دیں گے جیسے دن دہاڑے جی بی روڈ پر رنگے ہاتھوں پکڑے گیے ہوں ’’ کتاب والوں سے یاد اللہ ہے ‘‘ ہم عینی شاہد ہیں کہ ہمارے یاد اللہ والے کی کتاب کے اجرے میں دہلی کے ایک وسیع ہال میں ان کے گاؤں کے لوگ ٹڈّی دل کی طرح امڈ آئے یہ دیکھنے کے لیے کہ نکسیر یا ..........کی طرح کتاب کیسے جاری ہوتی ہے۔
یومِ موعود پھر جلسے کا منظر دیکھنے کے لائق ہوتا ہے۔ ہال منڈپ کے طرز پر سجایا جاتا ہے۔ اسٹیج کی عین پشت پر بڑے پردے پر جلی حروف میں لکھا ہوتا ہے ’’فلانے کی فلاں کتاب کی رسمِ اجراء یا رونمائی۔ اس کے ٹھیک نیچے صاحبِ صدر تخلیق کار کو پہلو میں بٹھاتے تشریف فرما ہیں۔ ان کے علاوہ اسٹیج پری کے طور پر دو چار V.I.P.ورنہ I.P.Sاور اگر وہ بھی دستیاب نہ ہوں تو Psہی کو بٹھا لیا جاتا ہے۔ ڈائس پر دیکھنے کی نہیں بلکہ بار بار دیکھنے کی چیز اہلِ کتاب اور اگر مٔونث ہو تو ’اہلیۂ کتاب‘ ہوتی ہے۔ اہلِ کتاب شیروانی میں تو کم لیکن عموماً سفاری سوٹ میں ملبوس اور اہلیہ بھاری عروسانہ جوڑا زیب تن کر کے ایسے جگ مگ کرتے نظر آتے ہیں گویا درجِ ذیل شعر کی ہدایت پر پوری طرح عمل پیرا رہے ہوں کہ
دیر ہو جائے بلا سے انھیں آرائش میں
رہ نہ جائے کسی کم بخت کا ارماں کوئی
ہمیں ایک صاحبہ کی کتاب کی رونمائی میں شرکت کا موقع ملا۔ ہمارے ہی لئے نہیں سب شرکا کے لئے یہ طے کرنا دشوار ہو گیا کہ رونمائی کتاب کی تھی یا محترمہ کی۔ اونچا بالوں کا جوڑا ، اونچی ایڑی کا سینڈل مانو سب پر چھا جانے کی تمنا میں موصوفہ نے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا ہو۔
کتاب کی جامہ دری کا منظر بھی بڑا دیدہ زیب ہوتا ہے۔ تھالی میں دودوی رنگ برنگی پنّی میں ملبوس فیتے سے بندھی مہمانِ خصوصی کے حضور اس درخواست کے ساتھ پیش کی جاتی ہے کہ حضور بصد شوق گھونگھٹ اٹھائیں۔ حضور کمالِ بے اعتنائی سے کتاب کا پیرہن بھری محفل میں تار تار کر کے اہلِ کتاب کو پہلو میں لیے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ویڈیو فلم بنتی ہے اور سارا ہال تالیوں کی گونج کی زد میں آ جاتا ہے۔ اس کے بعد صاحبِ صدر ایسے فاخرانہ قدموں سے چلتے اپنی مسند کی طرف لوٹتے ہیں جیسے اگلی صبح کامران دولہا۔
صاحبان! خبریں ابھی اور بھی ہیں۔ باقی تھوڑے سے بریک کے بعد۔ اس بیچ قاری کی جانکاری کے لیے عرض کر دیں کہ مجمع میں کچھ حاضرین اور زیادہ تر تما شبین ہوتے ہیں۔ حاضرین کے زمرے میں وہ ادباء و شعراء ہوتے ہیں جن کی تخلیقات کا اجراء ہو چکتا ہے اور ان موقعوں پر حال کے دولہا/دولہن شامل ہوتے رہے ہیں اس لیے احسان اتاری کے طور پر تشریف لاتے ہیں۔ ان کے علاوہ کچھ اہلِ ذوق ایسے بھی ہوتے ہیں جو اس موقع کو ’تقریب بہرِ ملاقات‘ جان کر شامل ہوتے ہیں۔ باقی تماش بیں ہوتے ہیں جو اقرباء ، سمدھیانے یا یاد اللہ والے ہوتے ہیں۔ چنانچہ یہ سب مل کر کم از کم اس دن تو اہلِ معاملہ کی طوطی بلوا ہی دیتے ہیں (بریک ختم)
تقریب کے اگلے مرحلے میں کچھ معروف ادیب کتاب اور صاحبِ کتاب کے بارے میں اظہارِ خیال کرتا ہے۔ اس کی خوبی یہ ہوتی ہے کہ سب کی آراء مصنف کے حق میں جاتی ہیں۔ خالص منافقت و مصلحت کا ننگا ناچ ہوتا ہے۔ ہوائی فائر ہوتے ہیں۔ کتاب پر تمام رائے زنی بغیر پڑھے ہوتی ہے۔ یوں ایک طرح سے یہ اچھا بھی ہے۔ کیوں کہ پڑھنے کے بعد خوبیاں تلاش کرنے میں خوردبین کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے بعد بھی گارنٹی کوئی نہیں ملیں نہ ملیں۔ لا علمی بھی کتنی بڑی نعمت ہے۔
اجراء کے بعد میں اکثر ضیافت کا اہتمام بھی ہوتا ہے بلکہ بعض دور اندیش تو جلسے سے پیشتر چائے کے بہانے کچھ نمکین بھی چکھا دیتے ہیں تاکہ کتاب کے بارے میں ’ بے لاگ ‘ تبصرہ کرتے ہوئے نمک ملحوظ رہے۔ منافقت کے بر ملا اظہار کے دوران سب سے خاص چیز دیکھنے کی اہلِ /اہلیۂ کتاب ہوتے ہیں۔ ظالم ایسے جم بلکہ تن کر چہروں پر یقین کافور لیے سارے بہتان نہایت خندہ پیشانی کے ساتھ سہہ جاتے ہیں کہ ان کی جگہ کوئی غیرت مند ہو تو خود کشی کر لے۔
کہتے ہیں کہ تاریخ کو خود کو دہرانے کا بڑا شوق ہوتا ہے آپ نے بڑے بوڑھوں سے سنا اور قدیم ناولوں میں پڑھا ہو گا کہ اونچے گھرانوں میں شادی بیا ہوں میں مجرا ضرور ہوا کرتا تھا۔ اس لیے دورِ رفتہ کو آواز دیتے ہوئے آج کل اجرے میں مجرے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ شعر و شاعری کی تخلیق کے اجراء پر تو ضرور کسی منی جان یا چینی جان نام کی گلو کارہ کو مدعو کیا جاتا ہے تاکہ جو کام موصوف شاعر کا کلام نہ کر پائے وہ منی جان کی جادو بھری آواز کر دے۔ ایک ایسی تقریب سعید پر ناظم نے اپنی بھی ایک دو غزلیں منی جان سے گوا لیں۔ اس دن ہمیں احساس ہوا کہ جب ان کی پھیکی غزلیں چینی بی کی منھ چڑھ کر بولیں تو واقعی ہمیں بھی ان میں کچھ جان سی محسوس ہوئی۔ یوں کنوینر (ناظم) صاحب کی خوشی دیکھ کر گھریلو قسم کی وہ کہاوت یاد آئی۔
اصل گھی کا کام پر بڑی بہو کا نام
قارئین کرام! یوں تو ہم اپنی بات ختم کر چکے لیکن چلتے چلتے کچھ اجرے کے تجارتی امکانات پر بھی غور کرتے چلیں۔ شاید کم لوگوں کو علم ہو گا کہ یارانِ تیز گام نے مشاعرے کو بھی صنعت کا روپ دے دیا ہے۔ مشاعرے بھی ٹھیکے پر منعقد کیے جانے لگے ہیں۔ ہوتا یہ ہے کہ ٹھیکے دار لوگ ایسے نو دولتیوں کی تلاش میں رہتے ہیں جنھیں اسٹیج پر بڑے لوگوں کے بیچ بیٹھ کر فوٹو کھینچوانے کا مرض کی حد تک شوق ہوتا ہے ، نہیں بھی ہوتا تو ٹھیکیدار پیدا کر دیتے ہیں۔ یہ ان کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے بس انھیں لبھاؤ دینا ہوتا ہے کہ تمہارے بچے کی ختنوں یا عقیقہ میں ایک آل انڈیا مشاعرہ کیوں نہ کرا دیا جائے۔ ۔ فلاں منسٹر سے افتتاح کرانا اور فلاں وزیر کو مہمانِ خصوصی کے طور پر بلانا میرا ذمہ۔ یوں خرچ تو پانچ لاکھ کا ہے بس تم ڈنر اور دو لاکھ کا بند و بست کر لو باقی چندہ سے ہو جائے گا۔ وہ واقعی کر بھی لیتے ہیں اور ساتھ ساتھ اپنی جیب بھی بھر لیتے ہیں۔ ان کے پاس پہلے ہی ایسے لوگوں کی فہرست ہوتی ہے جو دام تو خوب کماتے ہیں لیکن نام کے متلاشی ہوتے ہیں۔ اس کے بعد مشاعرہ پربندھک (ٹھیکیدار) کو ان نو دولتیوں پر سماج سیوک کا لیبل لگا کر وزیر محترم سے متعارف کراتے ہیں۔ یہ ہرگز کہنا نہیں بھولتے کہ ان میں ہر ایک ووٹوں کی پوٹ ہے۔ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ نیتا لوگ جہاں و وٹ وہیں لوٹ پوٹ۔ اس کے ساتھ ٹھیکیدار صاحب دو چار قسم کی طرح دار شاعرات کا بھی اہتمام رکھتے ہیں۔ یہی نہیں ان کا قیام و طعام بانیِ مشاعرہ میاں کلّو کے دولت خانہ پر رکھا جاتا ہے تاکہ ان کی مونچھیں کلابتو ہونے میں کسر نہ رہ جائے۔ ادھر میاں کلّو کی ’ ہوا بندھنے ‘ سے میاں ممدو اور خیرو کے دلوں پر سانپ لوٹنے لگتا ہے۔ چنانچہ جب تک وہ اس سے بڑی تقریب اور ان سے بڑا وزیر ، نیتا اور شاعرات نہیں لے آتا۔ چین سے نہیں بیٹھتا۔ اس آتشِ شوق کو بھڑکانے میں مشاعرہ ٹھیکیدار کا پنکھا فل اسپیڈ پر چلتا ہے۔ ادھر جوڑ توڑ کی کمی نہیں تو ادھر بھی مالک کا دیا سب کچھ ہے۔
اس لیے ہمارا مشورہ ہے کہ جب اجراء کا چلن کافی بڑھتا جا رہا ہے تو اسے بھی چھوٹی صنعت کے طور پر لیا جا سکتا ہے۔ بس ’ ٹھیکیدار‘ کو بلائیے Estimateلیجئے ، اور کتاب کی لکھائی ’لکھوائی‘ سے لے کر رونمائی اور دیگر لوازمات اسے سونپ دیجئے۔ وہ جانے ، اس کا کام۔ آپ تو بس اچھا سا میک اپ کر کے ڈائس پر آئیں اور مصنف کا ٹھپہ لگا کر ٹھاٹھ سے شہرِ ادب میں آداب بجاتے پھریں۔ غالبؔ غریب تو بہ سببِ ناداری نوحہ گر کو ساتھ رکھنے کی تمنا لیے سدھار گئے۔ لیکن خدا رکھے آپ تو دولت کے سہارے قصیدہ گو ساتھ رکھنے پر قادر ہیں۔
***
لسانیات اردو ہے جس کا نام
ڈاکٹر شعور اعظمی
قدیم ہند آریائی زبانیں
ان میں وہ زبانیں شامل ہیں ہیں جو ۵۰۰ سال قبل مسیح تک آریوں کے ساتھ آئیں۔ اگر دنیا کے نقشے پر نظر کی جائے تو ہندوستان میں آریوں کا داخلہ بہ راہ ایران و افغانستان ہی آسان ہے۔ اس لئے ان کی زبان پر عربی و فارسی کا گہرا اثر لازمی ہے اس زمانے کی مندرجہ ذیل تین بولیوں کا تذکرہ اہم ہے۔ چونکہ یہ دور ہزار سالہ ہے جسمیں بولیاں مختلف مراحل سے گذریں اس لئے بولی، وبھاشا اور بھاشا کے فرق کو نظر انداز کرنا ہی مناسب لگا۔ (۱) اُدی چِیہ بولی (ب)مدھیہ دیشی بولی (ج) پَرا چِیہ بولی
(۱) اُدی چِیہ بولی۔ ۔ ۔ یہ بولی قابل فخر بولی تھی۔ مذہبی تقریبات میں اسی کا بول بالا تھا۔ مہا رشی پاننی نے اس کے قواعد مرتب کئے۔ ویدوں میں یہی زبان استعمال ہوئی۔ اسے چھَندَس کا نام بھی دیا گیا۔ یہی اس عہد کی خالص اور معیاری زبان تھی۔
(ب)مدھیہ دیشی بولی۔ ۔ ۔ یہ بولی گنگا جمنا کے دو آبے میں بولی جاتی تھی، اس میں غیر آریائی زبانوں کے اثرات پائے جاتے تھے لیکن یہ اثرات اتنے کم تھے کہ یہ زبان ویدک زبان کے بہت قریب تھی۔
(ج)پراچیہ بولی۔ ۔ ۔ یہ مغربی اتر پردیش اور بہار میں بولی جاتی تھی۔ اسے آسُری بھی کہا گیا۔ یہ کمتر درجے کی زبان تھی۔
٭ڈاکٹر ستیندر سنگھ یہ مانتے ہیں کہ آریوں کی زبان ، ایرانیوں کی زبان سے بہت قریب تھی۔ انھوں نے غیر آریائی عناصر کی تشریح بھی نہیں کی یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ وہ عناصر ایرانی زبان کے الفاظ رہے ہوں۔ پاننی جی نے جب قواعد مرتب کئے تو زبان کو ان عناصر سے یقیناً پاک کیا ہو گا نتیجتاً زبان عام فہم نہ رہی اور عوام
سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا یہی سنسکرت کہلائی۔ شمس الرحمٰن فاروقی لکھتے ہیں : ’’خان آرزوؔ نے اسے [ہندیِٔ کتابی] کا نام دیا( اردو کا ابتدائی زمانہ ص ۱۹)۔ رفتہ رفتہ سنسکرت کی بھی دوقسمیں ہو گئیں۔
(۱)ویدک سنسکرت (۲) لَوکِک سنسکرت
پاننی جی نے اول الذکر زبان تو محفوظ کر دی لیکن ، لوکک سنسکرت دھیرے دھیرے مدھیہ دیشی اور پراچیہ کے ساتھ پراکرت کی طرف بڑھنے لگی۔
(ب)زمانۂ وسطیٰ ہند کی آریائی زبانیں
چونکہ سنسکرت عام لوگوں کے بس کے باہر تھی اس لئے یہ زمانہ پرا کرتوں اور اَپ بھرنشوں کا ہے۔ یہ زمانہ ۵۰۰ سال ق م سے
۱۰۰۰ ء تک مانا جاتا ہے۔ چونکہ یہ زمانہ ۱۵۰۰ سو سال کا ہے اس لئے اسے تین زمانوں میں بانٹ دیا گیا ہے۔
(۱) ابتدائی پانچ سو سالوں میں پالی زبان کا بول بالا رہا چونکہ گوتم بدھ کے اقوال کو پالی کہتے تھے رفتہ رفتہ جس زبان میں وہ اقوال تھے اسے بھی پالی کہا جانے لگا۔
(۱۱)۲۵۰ ق م کے آتے آتے اشوکی پراکرت کا چلن ہوا۔ اس کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں مشرق ، مغرب ، شمال اور جنوب ہر طرف کی زبان کے عناصر شامل تھے۔ اس دور کی خصوصیت یہ ہے کہ ادبی زبان سنسکرت رہی اور یہ دونوں زبانیں صرف مذہبی تبلیغ کے لئے استعمال کی گئیں۔ ان میں ادب تخلیق نہیں ہوا۔
(۲)درمیانی پانچ سو سال یعنی سنہ عیسوی کے آغاز سے ۵۰۰ء تک کا وہ زمانہ ہے جب پراکرتوں میں بھی ادب تخلیق ہونے لگا۔ اس زمانے کی مندرجہ ذیل پرا کرتیں مشہور ہیں۔ (۱) شَور سَینی(۲) مہاراشٹری(۳) ماگدھی(۴) اردھما گدھی اور (۵) پَے شاچی۔ ان کے علاوہ چند نام اور بھی ہیں ، ٹَکّی، شابرَی، چانڈلی وغیرہ۔
شور سینی۔ ۔ ۔ یہ متھرا کے آس پاس کی زبان تھی اس علاقے کو شورسین پردیش کہتے تھے۔ کسی زمانے میں مدھیہ پردیش بھی کہا جاتا تھا۔
مہاراشٹری۔ ۔ ۔ نام ہی سے ظاہر ہے کہ یہ بہت بڑے علاقے کی زبان تھی۔ اسی سے مراٹھی زبان کا ارتقا ہوا۔
مگدھی۔ ۔ ۔ یہ مگدھ کے علاقے کی زبان تھی۔ اس میں ’’ر‘‘ کا تلفظ نہیں تھا۔ اسلئے راجا کو ، لاجا اور ، رام کو لام کہتے۔
اردھ ماگدھی۔ ۔ ۔ یہ کوشل کے علاقے کی زبان تھی مہاویر جین کی مذہبی زبان یہی تھی اس میں ’’ر‘‘ اور ’’لام ‘‘ دونوں تلفظ تھے۔
پیشاچی۔ ۔ ۔ اس کا صرف کتابی ذکر ہی باقی رہ گیا ہے۔
(۳)آخری پانچ سو سال۔ ۔ ۔ جس طرح سنسکرت قواعدی پابندیوں کے سبب سے عوامی زبان نہ رہی اور پرا کرتیں وجود میں آئیں اسی طرح جب پراکرتوں میں ادب تخلیق ہونے لگا ان کے بھی سخت قواعد نافذ ہوئے تو سنسکرت کی طرح پرا کرتیں بھی عوام سے دور ہو گئیں اور ان کی جگہ اپبھرنشوں نے لے لی۔ اپ بھرنشوں کی کثیر تعداد کے سبب ان کی زمرہ بندی مشکل ثابت ہوئی اس لئے چاروں سمتوں سے انھیں منسوب کر دیا گیا۔ اس طرح چار اپبھرنشیں مانی گئیں۔ انھیں اپ بھرنشوں سے جدید آریائی زبانیں پیدا ہوئیں۔ کچھ اپ بھرنشیں دوسری نسبتوں سے بھی مشہور ہوئیں جیسے پانچالی، و یدربھی اور کیکئی وغیرہ۔ اپ بھرنشوں اور جدید آریائی زبانوں کے بیچ کی ایک لسانی کڑی ’’َاَوہٹَّ‘‘ ہے۔ اس میں دونوں کے آثار ملتے ہیں۔ اردو کو بھی جدید زبانوں کی طرح یہیں تلاش کرنا چاہئے۔
(ج) عہد جدید کی ہند آریائی زبانیں
جسطرح سخت قواعدی پابندیوں کے سبب سنسکرت کی جگہ پراکرت آئی، جب پراکرت کے قواعد سخت ہوئے تو ان کی جگہ اپ بھرنشوں نے لے لی جب اپ بھرنشوں میں بھی ادب تخلیق ہونے لگا اور انھیں بھی قواعد کی زنجیر پہنائی گئی تو یہ بھی عوام سے دور ہو گے ئں ان کی جگہ بولیوں نے لے لی۔ کچھ بولیوں نے اتنی ترقی کر لی کہ ا نکی ذیلی بولیاں بھی رائج ہوئیں۔ ان کا مختصر خاکہ ملاحظہ فرمائیں ان کا زمانہ ۱۰۰۰ء سے شروع ہوتا ہے۔
(۱) سندھی۔ ۔ ۔ یہ بولی ’’برَاچڈ‘‘ نامی اپ بھرنش سے وجود میں آئی۔ نام ہی سے ظاہر ہے کہ یہ سندھ کے علاقے کی بولی تھی۔ رفتہ رفتہ اس نے اتنی ترقی کر لی کہ اس کی (۱) وِچولی(۲) سِرَے کی(۳)تَھرے لی(۴)لاسی (۵) کَچہی۔ اس کے دورسم الخط ہیں۔ لَنڈا اور گور مکھی۔ (۲) لَہَیدا۔ ۔ ۔ اس بولی کی ابتدا ، پے شاچی یا کیکئی اپ بھرنش سے ہوئی ا سے مشرقی پنجابی بھی کہا جاتا ہے۔ لاہور اورسیال کوٹ کو چھوڑ کر پورے مغربی پنجاب کی زبان ہے۔ (۱)ملتانی(۲)کھیتانی(۳)جافری(۴)تھلی(۵)تاجٹکی(۶)تِنا دَلی(۷) پنچھی وغیرہ اس کی ذیلی بولیاں ہیں۔ یہ فارسی رسم الخط میں بھی لکھی جاتی ہے۔
(۳) پنجابی۔ ۔ ۔ اس کا پورا نام مشرقی پنجابی ہے۔ کچھ علمائے لسانیات اس کی ابتدا کیکئی اپ بھرنش کو قرار دیتے ہیں کچھ اس کا تعلق ’’ٹَک ‘‘ اپبھرنش سے جوڑتے ہیں۔ (۱) ڈوگری(۲) مالوئی(۳)پوُآدھی(۴)ماجھی (۵) راٹھی، اس کی بولیاں ہیں۔ مغربی پنجاب ، راجستھان، ھیماچل اور جمو کے بعض علاقوں کی بولی ہے۔ (۴)گجراتی۔ ۔ ۔ یہ شور سینی اپ بھرنش سے نکلی ہے۔ یہ گجرات اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بولی جاتی ہے۔ ناگری، بمبیّا، گام ڈِیا، مغربی بھڑوچی، اَناوَلا، سور چَروتَری، پاٹیداری، بَڑودری، پَٹَّنی، کھاروا، پَٹلُنی، کانکری، تاری مُکھی اور کاٹھیا واڑی وغیرہ اس کی مشہور بولیاں ہیں۔
(۵) مراٹھی۔ ۔ ۔ یہ مہاراشٹری اپ بھرنش سے نکلی ہے۔ ریاست مہاراشٹر کی زبان ہے۔ اس کی تین بولیاں ہیں۔
( ۱) کونکنی (۲) ہَلوی (۳) بَکھری۔
(۶) اُڑیا۔ ۔ ۔ اس کی ابتدا مگدھی اپ بھرنش سے ہے۔ یہ ریاست اڑیسا کی زبان ہے۔ یہ بنگالی سے اس قدر مشابہ ہے کہ بہت سے علمائے لسانیات اسے بنگالی ہی کی ایک شاخ سمجھتے رہے۔ اس کی ایک ذیلی بولی’’ بھتری ‘‘ہے جسمیں تیلگو اور مراٹھی کی بہت زیادہ آمیزش ہے۔ اس کے علاوہ(۱) گَنجامی (۲) سنبھل پوری ، لَریا۔
(۷) آسامی۔ ۔ ۔ اس کی ابتدا مگدھی اپبھرنش سے ہوئی یہ آسام یعنی قدیم کامر وپ کی زبان ہے۔ بنگالی سے بہت ملتی جلتی ہے س کی کوئی ذیلی بولی نہیں ہے پورے علاقے میں ایک سی ہے۔
(۸)بنگالی۔ ۔ ۔ یہ بھی مگدھی اپ بھرنش سے نکلی ہے۔ ا س کی صر ف دو قسمیں ہیں۔
(۱ٌ)ڈھاکے والی (۲) کلکتے والی
(۹)سنہالی۔ ۔ ۔ موجودہ سری لنکا کی زبان ہے جو کسی زمانے میں ہندوستان کا حصہ تھا، یہ گجراتی سے بہت زیادہ ملتی ہے۔
٭سنسکرت۔ ۔ ۔ پرا کرت۔ ۔ ۔ اپبھرنش۔ ۔ ۔ بولی، اور اس کے برعکس والی تقسیم کے طریقے میں ایک نقص یہ ہے کہ اسمیں آریائی خاندان کی تین شاخوں میں سے ا یک ہندوستانی آریائی تو آ گئیں لیکن اس کی ایرانی اور دَردی شاخوں کا تذکرہ نہ آ سکا جو ہندوستان میں بولی جاتی ہیں۔ اس کی تفصیل اس طرح ہے۔
(۱)پنجاب کے بعض سرحدی علاقوں میں۔ فارسی بولی جاتی ہے۔
(۲)بِلوچستان میں ’’دے واری ‘‘نامی فارسی بولی رائج ہے۔
(۳) پامیر اور پنجاب کے بیچ کے ایک علاقے میں ’’ دردی‘‘ بولی ہے۔ شینا، کشمیری اور کوہستانی اسی کی شکلیں ہیں۔ ( اسی کو پیشاچی بھی کہا گیا ہے )۔
٭یہ بات یہیں واضح ہو جاتی ہے کہ نہ دور قدیم میں کوئی ایسی زبان تھی جو سارے ہندوستان کی زبان کہی جاتی نہ ہی جدید ہند آریائی زبانوں میں کوئی ایسی زبان نظر آئی جسے پورے ہندوستان کی زبان کہا جا سکے۔
٭دوسر ی بات یہ طے ہوئی کہ فارسی مسلمانوں سے پہلے آریوں کے ساتھ آ چکی تھی ٭ تیسری بات یہ کہ ہندوستانیوں کالسانی مزاج ہمیشہ خوب سے خوب تر کی تلاش میں رہا۔ اسلئے وہ زبان جو مسلمانوں کی آمد کے سبب تیزی سے منصۂ شہود پر آئی کچھ دیر سے سہی ضرور وجود پذیر ہوتی۔ کیونکہ سیاسی استحکام کے لئے پورے ملک میں بولی اور سمجھی جانے والی رابطۂ عامہ کی ایک زبان
کا ہونا ضروری ہے۔
٭آریہ مختلف اوقات میں مختلف مقامات پر بسے ، براہ ایران آنے والوں کی زبان پر عربی و فارسی زبانوں کے گہرے اثرات رہے ہونگے۔ دانے پانی کی تلاش میں رہنے والے ملک کے تمام زرخیز علاقوں میں پھیلے ہونگے ، اس طرح ہندوستان کے ایک بڑے حصے میں ایک ساتھ ایک نئی زبان کا پیکر تیار ہونے لگا جس میں مسلمانوں کی آمد نے روح پھونک دی۔ ہ بات میری چھوٹی سی عقل میں نہیں سماتی کہ جو بچہ دلی کے نواح میں پیدا ہوا ، اس کے جوان ہونے کی خبر دہلی والوں کو صدیوں بعد گجرات اور دکن کے لوگوں سے ملی اور اچانک اتنی محبت امنڈی کہ ا سکو سینے سے لگا لیا۔
(۱)دروڑ گروہ میں (۱) تمل سب سے زیادہ ترقی یافتہ ہے۔ ادبی تمل کو ’’ شین‘‘ کہتے ہیں بول چال والی ’’کوڈُن‘‘ کہلاتی ہے۔
(۲) ملیالم کو تمل کی بڑی بیٹی کہا جاتا ہے۔ باوجودیکہ اس میں سنسکرت کی آمیزش بہت ہے ، برہمنوں سے زیادہ معیاری زبان مسلمانوں (مُوپلوں ) کی زبان مانی جاتی ہے۔
(۳)کنّڑ۔ ۔ میسور کی زبان ہے (۴) ایک مخصوص علاقے میں تُلُو بولی جاتی ہے۔
(۵)کنڑ اور تلو کے امتزاج سے کوڑگو]وجود میں آئی(۶) نیلگری کے جنگلیوں میں ’’ٹوڈ‘‘ اور ’’کاٹ‘‘ نامی بولیاں رائج ہیں۔
(ب) آندھر ، یا تیلُگو۔ ۔ ۔ پورے آندھرا کی زبان رہی ہے۔ جنوبی ہند میں یہی سب سے زیادہ بولی جاتی ہے۔
(ج)مدھیہ ورتی۔ ۔ ۔ اس گروہ میں (۱) گونڈی سب سے مشہور بولی ہے۔ اس کے بولنے والے آندھرا ، اڑیسا، برار، چھتیس گڑھ، بندیل کھنڈ اور مالوے کے علاقوں میں پائے جاتے ہیں (۲) ’’کو‘ئی‘‘ نامی بولی گونڈی سے ذرا سا الگ تھی اسی کے علاقوں میں بولی جاتی ہے (۳) [کُرو‘کھ] چھتیس گڑھ کے بعض علاقوں میں بولی جاتی ہے (۴) اَوراؤں۔ ۔ ۔ یہ بولی چھوٹا ناگپور (بہار) کی ہے (۵) مُنڈاری۔ ۔ ۔ اسے رانچی کے پاس رہنے والے کروکھ بولتے ہیں (۶)مَلتُو۔ ۔ ۔ راج محل کے پہاڑیوں کی بولی ہے (۷) کوُلامی۔ ۔ ۔ برار کے مغربی خطے کی بولی ہے۔
(د)بہرِوَرتی۔ ۔ ۔ یہ مشرقی سرحدوں کی بولی ہے۔
٭اصل تعداد مذکورہ تعداد سے زیادہ ہی ہو گی لیکن کوئی زبان ایسی نہیں ہے جو تمام جنوبی ہند میں بولی اور سمجھی جاتی ہو۔ دراوڑوں کے بعد ہندوستان میں آریوں کا ذکر ملتا ہے۔ یہ بھی طے ہے کہ آریوں کے مختلف گروہ ، مختلف اوقات میں ہندوستان آئے اور انکے ساتھ انکی زبانیں بھی آئیں۔ اس فرق زمانی کی وجہ سے اپنی آسانی کے لئے انھیں ہم (۱) عہد قدیم (ب) عہد وسطیٰ(ج) عہد جدید میں تقسیم کر سکتے ہیں۔
***
میرا تخلیقی سفر
زبیر رضوی
افلاطون نے شاعروں کو اپنی عینی ریاست سے جلا وطن کرنے کی سفارش کی تھی اس نے پوچھا تھا کہ انسانی معاشرے کی ترتیب و تزئین میں ہومر کی شاعری کا کیا حصہ ہے ؟ افلاطون کے بعد بھی انسانی معاشرے کی صفِ اول میں ادیب کے لیے کوئی نشست محفوظ نہیں رکھی گئی ادیب کو یا تو پچھلی صف میں جگہ ملی یا پھر وہ صف کے باہر کا آدمی بنا رہا۔ ادیب کی تخلیقی انا نے کبھی معاشرے کی بالا دست طاقتوں سے مصالحت نہیں کی وہ ہمیشہ اپنے زمانے کی نکتہ چیں رہا۔ اسے نہ اقتدار للچانے میں کامیاب رہا اور نہ اعزاز و ا کرام کی تابندگی اس کی آنکھوں کو خیرہ کر سکی۔ کیوں کہ اس کا خیال ہمیشہ ہی یہ رہا کہ زمانہ اس کی تخلیق میں زندہ ہے اور وہ زمانے سے زندہ نہیں۔
مجھے فلا بیر کا وہ خط یاد آ رہا ہے جس میں اس نے لکھا تھا: ’’ میں جانتا ہوں کہ میں ان دنوں جو کچھ لکھ رہا ہوں اسے کبھی بھی مقبولیت حاصل نہ ہو گی لیکن میرے نزدیک اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ لکھنے والا خود اپنے لیے لکھے ، حسن آفرینی کا یہی ایک طریقہ ہے۔ ‘‘
فلابیر نے ادیب کی تخلیقی آزادی کو غیر معمولی اہمیت دی ہے۔ میں بھی اپنی شاعری کے سلسلے میں اسی رویے کا قائل ہوں۔ میرے نزدیک اوریجنل ہونا اتنا اہم نہیں۔ تخلیقیت میرے نزدیک زیادہ اہم ہے۔ یہی تخلیقیت ہے جو ادیب میں اس آگ کو روشن رکھتی ہے جو اسے زندگی کی آزمائشوں کا سامنا کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ میں نے ترقی پسندی کے بڑے ہنگامہ خیز دور میں شاعری شروع کی اور تب میرا خیال تھا کہ اگر کوئی تخلیق اپنے حال میں زندہ نہیں تو وہ زندگی سے عاری ہے۔ میرے نزدیک ماضی کو حال سے اور حال کو مستقبل سے الگ کرنے والی لکیر بے معنی تھی۔ روایت سے انحراف کا معاملہ بھی وقتی تقاضوں کے زیر اثر ایک صحیح رویہ لگتا تھا مگر بعد میں معلوم ہوا کہ ترقی پسندی اور جدیدیت دونوں ہی اظہاری عمل سے زیادہ ذہنی رویے تھے۔ میری جدیدت ایک اَپ ڈیٹیڈ کلاسزم (updated classicism)تھی جس میں ادب کی Mysticبھی تھی، ہیئت کی قوت نمو بھی اور جمالیاتی ادراک بھی۔ میری شاعری جو ۱۹۶۰ء کے بعد کی حسّیت کی دین تھی اس کو برتتے ہوئے میں جدید بھی تھا اور قدیم بھی۔ اور اگر فیشن زدہ اصطلاحات کا سہارا لوں تو مجھ میں آواں گارد بھی تھا او ور نشاۃِ ثانیہ کا Ethosبھی۔
پکاسو نے کہا تھا: ’’ دوسروں کی تقلید بدیہی ہے لیکن خود کی تقلید سفلہ پن ہے۔ ‘‘ میں نے اپنے پہلے مجموعے ’لہر لہر ندیا گہری‘ سے ’ سبزۂ ساحل‘ تک خود کو دہرانے یا اپنی ہی تقلید کرنے کا رویہ نہیں اپنایا، اس کے برخلاف خود کو رد کرنے کا عمل برا بر اپنائے رکھا۔ میں سمجھتا ہوں کہ خود رد کرنے کے عمل کا مطلب اپنی شاعری کو ایک نئی صورت دینے کے عمل سے گزرنا ہے۔
میں شاعری کو ایک ایسا جھوٹ سمجھتا ہوں جس کے توسط سے سچ کو پایا جاتا ہے۔ میں نے ایسا کرتے ہوئے اس سارے سچ کو بھی اپنا ورثہ سمجھا جو مجھ سے پہلے کی گئی شاعری میں دمکتا چمکتا رہا تھا۔ میرے نزدیک اس کرۂ ارض پر انسان کا وجود سب سے بڑا عجوبہ اور کرشمہ ہے اس لئے مجھے انسان کی جہاں بانی اور جہاں سازی اس کی آفاقیت اور بے پناہی سے اس کی سرشت اور رشتوں کی پیچیدگی کا عمل بڑا گہرا ہے۔ میں امروہے جیسے ایک قصبے سے سفر کرتا ہوا نوابی شہر حیدر آباد تک پہنچا تھا اور پھر دلّی میرے قیام کا آخری پڑاؤ بن گئی اور یوں شہر اور مدنیت کے تضاد، ٹکراؤ، انسان کا مشینی عمل اس کی مادیت پرستی اور زندگی کی آسائشوں کے حصول کے لیے ہر جائز و ناجائز حربے کو استعمال کرنے کی قوت کو میری تخلیقی فکر میں ایک بیکرانی ملی۔ جیسا کہ میں نے کہا کہ مجھ میں وہ قدیم بھی کنڈلی مار کے بیٹھا رہا تھا جس کی جڑیں ہزاروں برسوں کی تاریخ و تہذیب میں پیوست تھیں۔ میرا یہ قدیم، ظلمت پسند نہیں تھا اس میں انسان کے لیے ایسی ہی برکتیں ، نعمتیں تھیں جو خود انسان نے اپنی گمراہیوں سے گنوا دیں۔ یہ تاریخی اور تہذیبی ملال میری نظموں کے سلسلے ’ پرانی بات ہے ‘ میں ایک حکائی شعری لہجہ بن کر ابھرا ہے ، مدنیت کے سلسلے میں میرے رویے کی بڑی واضح مثالیں میرے چوتھے شعری مجموعے ’ دھوپ کا سائبان ‘ میں شامل ہیں۔ یہ میری آہنگ سے آزاد نظموں کا مجموعہ ہے اور اس وقت یہ ساری نظمیں کاغذ پر منتقل ہوتی چلی گئی تھیں جب ’ پرانی بات ہے ‘ جیسی پابند نظمیں لکھنے کے بعد مجھے لگا تھا کہ اب جو کچھ میں کہنا چاہتا ہوں وہ آہنگ سے ماورا اپنا تخلیقی اظہار چاہتا ہے۔ اس لیے ان نظموں کی ہیئت میرے ارادے سے کہیں زیادہ اپنے شعری اظہار کا تقاضا تھا۔
اپنی شاعری میں جس کو میں نے اپنے لیے شعری وصف اور حسن جانا وہ ایمائیت اور ایجاز ہے۔ اس کے بعد تیسرا نمایاں عنصر غنائیت ہے۔ یہ وہی غنائیت ہے جو میری شاعری میں اکثر مقامات پر موسمِ گل کا احساس دلاتی ہے۔ مجھے فضا سازی سے زیادہ موضوع کی تراش اور ایجاز کے ساتھ اسے تحیر آمیز انجام سے ہم کنار کرنے سے بڑی دلچسپی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ادب کے اور خاص طور سے شاعری کے سنجیدہ مطالعے کے لیے قاری کا نکھرا ہوا ذوق اور اس کی سخن فہمی ایک لازمی شرط ہے۔ شاعروں کو عموماً اپنی شاعری سے بے حد لگاؤ ہوتا ہے یہاں تک کہ انھیں اپنے مقابل پچھلی اور اپنے زمانے میں کی جانے والی شاعری کے کمتر ہونے کا بھی احساس ہوتا ہے (جسے خوش فہمی ہی کہا جائے گا)۔ مجھے اپنی شاعری سے ایسا بے محابا لگاؤ یا انس نہیں۔ اپنے کہے ہوئے سے یہ بے نیازی ویسی ہی ہے جو عرفان ذات کے سلسلے میں صوفیوں اور سنتوں میں ملتی ہے۔ میرے دوسرے شعری مجموعے ’’خشتِ دیوار‘ ‘ میں میرا یہ رویہ خاصا صیقل ہو چکا تھا کہ اپنے لکھے کو دشمن کی آنکھ سے دیکھوں۔ اور اب تو یہ میرے تخلیقی عمل کا ایک نا گزیر تقاضا بن گیا ہے۔ میں اپنے لکھے ہوئے کو کسی قدر طویل وقفے کے بعد پڑھتا ہوں اور تب مجھے اپنے کہے ہوئے کی کمزوری یا پھر اس کی توانائی کا احساس ہوتا ہے۔ کچھ ایسا بھی ہوتا ہے جسے حذف کرنے یا ضائع کر دینے کی خواہش ہوتی ہے۔ ’’ سبزۂ ساحل ‘‘ کی ترتیب میں بھی یہ رویہ کار فرما رہا ہے۔
مجھے اگلی صف میں بیٹھنا ، اپنی تشہیر کے ذرائع کھوجنا اور اپنے شاعرانہ امیج کو پروجیکٹ کرنے سے اوسط درجے کی دلچسپی رہی یعنی ہو تو اچھا نہ ہو تو بھی اچھا۔ کیوں کہ ادیب کی تشہیر تو ہو جاتی ہے مگر اس کا لکھا ادب اس کی شہرت اور تشہیر کا حصہ نہیں بن پاتا۔ اسی لیے اعزاز و ا کرام ادیب کے اعتبار میں یا اس کا سماجی قد بڑھانے میں ایڑی کے نیچے اینٹ لگانے کا کام تو کرتے ہیں مگر اس کا ادب پذیرائی کی تمازت سے بہر صورت محروم رہتا ہے۔ کیوں کہ ادیب کو سب جان لیتے ہیں مگر اس کا ادب تشہیر زدہ طبقے کے لیے نا معلوم ہی رہتا ہے۔ میں نے اپنے سونحی اشاریے کو انعام و ا کرام کی تفصیل سے بہر حال خالی رکھا۔
انسانی زندگی کے مشاہدے میں جو صورت میرے لیے سب سے زیادہ پریشان کن بنتی ہے وہ غریبی اور پھٹے پرانے کپڑوں میں بسر ہوتی بیمار زندگی ہے۔ انسانی غارت گری کے در پے کوئی بھی بہیمانہ عمل مجھے بے چین کر دیتا ہے اور انسانی زندگی میں جہاں کہیں بھی ’عشق‘ کی سرشاری ملتی ہے تو رگوں میں خون اچھلنے لگتا ہے۔ میرا عقیدہ ہے سیاست انسانی دکھ درد کو تماشائی کی آنکھ سے دیکھتی ہے اور شاعری انسان کے پورے دکھ درد کا حصہ بن جاتی ہے۔
اور آخری بات___
میں سمجھتا ہوں کہ شاعری کے حوالے سے کسی ایک ہیئت میں تخلیق پانے والے شعری سرمایے کو پیمانہ و معیار بنا کر دیگر شعری ہیئتوں میں کہیں زیادہ اہم اور قابلِ ذکر ہونے والی شاعری کو نظر انداز کرنا صحیح رویہ نہیں ہے۔ غزل گویوں کے بت تراشنے کا عمل مطالعے کی سہل پسندی اور تساہل کے سوا اور کچھ نہیں ، تخلیقی سرگرمی کے کسی بھی عہد میں ہمارا معیارِ نقد، رک رک کر جس وارفتگی سے جانے پہچانے فریم ورک میں شعر کہنے والوں کو داد و تحسین سے نوازتے ہوئے ان کے سروں پر ادبی عظمت کی کلغیاں سجاتا رہتا ہے اس سے یہی مجموعی تاثر ملتا ہے کہ پچھلے ساٹھ برسوں میں تو بس غزل کی صنف ہی میں اہم اور مثالی شاعری ہوئی ہے اس کے بر خلاف اسی عرصے میں نظم کا جو سرمایہ سامنے آیا ہے اسے Pin Pointکر کے نہ کوئی نظم مطالعے کا محور بنی اور نہ کسی نظم نگار کو اچھا لا گیا غزل کے Iconتراشتے ہوئے صنفی اور ہیئتی سہل پسندی نے بڑی حد تک ساٹھ برس میں لکھی گئی اہم اور بہترین نظموں کو ہمارے آج کے ادبی مباحث سے بے دخل کرنے کا رویہ اپنا رکھا ہے ڈر یہ ہے کہ اگر دریچوں کو ایک ہی رخ پر کھولنے کا یہ عمل جاری رہا تو پھر ادب کے پائیں باغ کے اُدھر کے مناظر کو کون دیکھے گا ؟؟
****
انٹرویو
آج کی نسل یقین سے محروم ہے
عنایت اختر
م۔ ناگ : ابتدائی زندگی سے متعلق کچھ کہیے ؟
عنایت اختر: میں نے آنکھ کھولتے ہی اپنے ماحول میں غربت، فاقہ کشی اور جد و جہد دیکھی یہی وجہ تھی کہ میں باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کر سکا۔ چھ جماعت تک پڑھنے کے بعد زندگی نے میرے ہاتھ سے بستہ چھین لیا او ر حکم دیا کہ ہتھوڑا چلاؤ گے تو روٹی ملے گی۔ ورنہ بھوکے رہنا پڑے گا۔ اسی لیے میں نے پیٹ کی خاطر ہتھوڑا چلانا شروع کیا ، یہی وجہ ہے کہ میرے لہجے میں میرے کام کاج میں میری زندگی میں ہتھوڑا پہلے آتا ہے۔ قلم چلانا میں نے بہت بعد میں سیکھا وہ بھی ترقی پسند تحریک کے طفیل میں ورنہ میں تو اردو کا ایک مصرع بھی صحیح قرأت کے ساتھ نہیں پڑھ سکتا تھا۔ ۔ میرا عالم یہ تھا کہ خود غلط! املہ غلط! انشاء غلط!
’’ شاعری وائری ‘‘ کیا ہوتی ہے ‘‘ ادب ودب‘‘ کیا ہوتا ہے مجھے اس کی دم بھی نہیں معلوم تھی۔ گالیاں دینے میں میں استاد تھا۔ جہاں میں کام کرتا تھا اسے رنگ کھاتہ کہتے تھے۔ جہاں ٹین کی پیٹیاں رنگی جاتی تھیں۔ صبح آٹھ بجے سے لے کر شام کو آٹھ بجے تک جان کھپاتے تھے تب جا کر چھٹی ملتی تھی۔ اور جس روز رات کو گیارہ بجے تک کام ہوتا تھا تو سوائی یعنی اوور ٹائم کہلاتا تھا۔ عام طور پر نو یا دس آنے کا کام ہوتا تھا مگر رات کو بارہ بجے سے پہلے فرصت نہ ملتی تھی ، میں اپنی بے بسی پر الاؤ چڑھی ہوئی تانبے کی دیغ کی طرح ہر وقت کھولا کرتا تھا۔ گرمی کا یہ عالم ہوا کرتا تھا کہ کام ختم کرتے کرتے سارے کپڑے پسینے میں تر ہو جاتے تھے۔ شام کو گھر جاتے ہوئے کپڑے اتار کر ہم دوڑی پر لٹکا دیا کرتے تھے صبح جب واپس آتے تھے تب بھی کپڑوں میں پسینے کی نمی باقی رہتی تھی۔ ہم کو اکڑوں بیٹھ کر کام کرنا پڑتا تھا۔ اور رات کو جب کام ختم ہو جاتا تھا تو اچانک اٹھا نہیں جاتا تھا بلکہ دھیرے دھیرے قسطوں میں اٹھتے تھے۔ تھکن اتنی ہوتی تھی کہ وہیں سو جانے کا جی چاہتا تھا۔ اس کا واحد سہار ا تھا چرس۔ اس زمانے میں چرس کی ایک گولی ایک آنے میں ملتی تھی۔ ہر چار ساتھی ایک ایک پیسہ ملا کر چرس کی گولی خریدتے تھے پھر وہ چرس سگریٹ میں بھر کر پیتے تھے۔ اس طرح دکھوں سے عارضی طور پر چھٹکارا حاصل کر لیتے تھے۔ جیسا کہ میں نے کہا کہ میں ادب کی ’ الف ب‘ بھی نہیں جانتا تھا۔
ظہیر انصاری : ہم یہ جاننا چاہیں گے کہ آپ کہاں پیدا ہوئے ؟
عنایت اختر: میں ممبئی میں پیدا ہوا۔ میرا آبائی وطن فیض آباد ( یوپی) ہے۔
م۔ ناگ: آپ ترقی پسند تحریک سے کیسے منسلک ہوئے ؟
عنایت اختر: ایک روز رات میں آل انڈیا ریڈیو سے مشاعرہ آ رہا تھا اس میں کسی شاعر نے ایک نظم پڑھی جس میں دو مصرعے بار بار repeatہو رہے تھے وہ مصرعے تھے۔
یہ آب و خاک و بار کا جہاں بہت حسین ہے
اگر کوئی بہشت ہے تو بس یہی زمین ہے
اب تک تو مولوی ملا بہشت آسمان پر بتایا کرتے تھے۔ اناؤنسر نے شاعر کا نام علی سردار جعفری بتایا۔ ان دو مصرعوں میں نہ جانے کیا جادو تھا کہ یہ میرے جیسے ان پڑھ جاہل انگوٹھا چھاپ مزدور کے ذہن میں اتر گیا۔ یہی وہ موڑ تھا جس نے میری زندگی کا دھارا بدل دیا۔ کہاں تو میں جوا کھیلتا تھا۔ چھوٹی موٹی چوریاں کرتا تھا۔ ٹھیلے والوں کا سامان لوٹ لیا کرتا تھا۔ پلے ہاؤس جا کر امرد پرستوں کو بے وقوف بنا کر ان کی جیب خالی کر دیا کرتا تھا۔ یعنی ممبئی کے لفظوں میں ’’ مہا حرامی ‘‘ تھا۔
میں محنت کی روٹی تو کھاتا تھا لیکن اس میں حرام کی کمائی بھی شامل تھی۔ ایک چھوٹی سی کمزوری میری یہ تھی کہ میں ٹوٹی پھوٹی اردو جانتا تھا جس کی بنا پر مجھے صادق سردھنوی کے ناول پڑھنے کا شوق تھا۔
پھر ایسا اتفاق ہوا کہ اسحاق نام کا ایک نوجوان مجھے مل گیا اس نے مجھے عوامی ادارے کا ممبر بنا دیا ، عوامی ادارہ مدن پورہ کے کمیونسٹ ساتھیوں نے قائم کیا تھا جو جیل سے رہا ہو کر آئے تھے اور آتے ہی انھوں نے ادارے کی داغ بیل ڈال دی تھی۔ میں وہاں گیا تو سامنے ہی بنے بھائی یعنی سید سجاد ظہیر کی تصویر لگی تھی ان کی تصویر کے ساتھ مارس واینگلز کی تصویریں بھی تھیں میرے لیے یہ سب کچھ نیا تھا۔ وہیں پر ایک چھوٹی سے فریم میں مجروح سلطانپوری کا ایک شعر لکھا تھا۔
تقدیر کا شکوہ بے معنی جینا ہی تجھے منظور نہیں
آپ اپنا مقدر بن نہ سکے ایسا تو کوئی مجبور نہیں
مجروح کا یہ شعر اندھیرے میں جگنو کی طرح چمکا اور ہر طرف اجالا پھیل گیا یہی وہ سوز تھا جہاں سے مجھے کتابیں پڑھنے کا شوق پیدا ہوا۔ پھر میں نے کتابیں پڑھنا شروع کیا ساتھ ہی ساتھ ٹوٹی پھوٹی اردو بھی لکھنے لگا۔ ترقی پسند تحریک اپنے عروج پر تھی۔ ہر ہفتے اس کی میٹنگیں ریڈ علیگ ہال (عرب گلی) میں ہوا کرتی تھی۔ اور اس کی روداد قدوس صہبائی صاحب کی ادارت میں نکلنے والے پرچے میں چھپتی تھی۔ حمید اختر رپورٹ لکھتے تھے۔ جو آگے چل روداد انجمن کے نام سے شایع ہوئی۔ رپورٹ کیا تھی ، رپورتاژ ہوا کرتا تھا۔ جسے ہر نوجوان بڑے شوق سے پڑھا کرتا تھا اور بعد میں وہ انجمن میں شریک ہو جایا کرتا تھا۔ اس طرح ترقی پسند تحریک دیکھتے ہی دیکھتے طوفان بن گئی۔ اور یہ طوفان اتنا پھیل گیا کہ ملک کے شہر اور گاؤں میں انجمن کی شاخیں قایم ہو گئیں۔
ظہیر انصاری ترقی پسند تحریک سے وابستہ شاعر و ادیب اسٹبلشمنٹ کا حصہ بھی بنے جب کہ یہ تحریک اس کی مخالفت میں ہی وجود میں آئی تھی۔ کیا ایسا کرنا درست تھا ؟
عنایت اختر: پہلے تو اسٹبلشمنٹ کیا ہوتا ہے یہ واضح ہونا چاہئے۔ دنیا کا بڑے سے بڑا باغی، سب اسٹبلشمنٹ کا حصہ ہیں کیوں کہ یہ بورژوا نظام جو ہے اسی نے سب کو اپنا ملازم بنا لیا ہے۔ کیا کلرک، کیا ادیب، کیا مولوی کیا لیڈر سب اس کے تنخواہ یافتہ غلام ہیں۔ پھر یہ بات کہ یہ ’تحریک‘ اسٹبلشمنٹ کے خلاف تھی ، یہ نہیں ہے۔ یہ تحریک ظلم اور جبر کے خلاف تھی۔ پستی اور لا چاری کے خلاف تھی۔ اس لئے یہ کہنا کہ ہر ادیب اسٹبلشمنٹ کا حصہ بن گیا صحیح نہیں ہے۔ میرا مطلب یہ ہے کہ جو آدمی اس سماج میں پیدا ہوا ہے وہ اس سماج کا کل پرزہ ہے۔
جنگِ آزادی کی تحریک میں ترقی پسندوں کا سب سے بڑا رول رہا ہے اور تقریباً سارے ترقی پسند جیل بھی گئے ہیں۔ سجاد ظہیر، سبط حسن، سردار جعفری، مخدوم محی الدین، فیض احمد فیض، علی جواد زیدی سارے ترقی پسند تھے۔ آزادی کی جنگ میں آگے آگے تھے اور یہ سبھی تقریباً جیل بھی گئے تھے۔ انھوں نے کبھی سرمایہ داروں کا ساتھ نہیں دیا۔ ہر ظلم کے خلاف، گولی بارود کے خلاف آواز اٹھائی۔ آزادی کے بعد بھی فسادات کے تناظر میں نظمیں اور غزلیں لکھیں اور اس کا اثر بھی ہوا۔
م۔ ناگ:ترقی پسند تحریک کے زوال پذیر ہونے پر کیا اس کا انتہاپسندانہ سیاسی موقف ذمے دار تھا؟
عنایت اختر :بھیونڈی کانفرنس ہوئی جس میں ڈھکے چھپے لفظوں میں یہ تجویز پاس کی گئی کہ جو مارکسٹ ہے وہی ادیب ہے اور جو مارکسٹ نہیں ہیں وہ ادب دشمن ہیں۔ یہی وہ موڑتا تھا جہاں سے تحریک کا زوال شروع ہوا۔ سارے اچھے اور نئے لکھنے والے ایک ایک کر کے بچھڑتے چلے گئے ، پھر یہ ہوا کہ ریڈ فلیگ ہال جس میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی ، سائیں سائیں کرنے لگا۔ یہ انتہا پسندی اور سخت گیری کا دور تھا جس نے تحریک کی کمر توڑکر رکھ دی۔ تحریک مر گئی یا ترقی پسند نظریہ ختم ہو گیا ایسا نہیں ہے۔ دھیرے دھیرے لوگوں کو ہوش آنا شروع ہوا اور انھوں نے انتہا پسندی سے دامن چھڑانا شروع کیا مگر اس کا فائدہ اٹھایا قدامت پرستوں نے اور جدیدیت کی آڑ میں تحریک پر حملے شروع کر دیے جس سے ہماری تحریک لڑکھڑا گئی۔ اس کے قدم سست پڑ گئے ، مگر اس کا زوال نہیں آیا ویسے بھی جو نظریات زندگی کی بھٹی سے نکلے ہوں وہ مرتے نہیں زندہ رہتے ہیں۔
اس لیے یہ کہنا کہ ترقی پسند نظریہ یا ادب ختم ہو گیا موقع پرستی کے ساتھ ساتھ بزدلی بھی ہے ، ہاں اس کی کوتاہیوں کا ذکر کیا جا سکتا ہے۔ اور کیا جاتا رہے گا۔ مگر فی الحال موجودہ عہد کی بات جیسا کہ میں کہہ چکا ہوں کہ جدیدیت مارکسزم کی بنیادی خصوصیات ہے جو ہر تبدیلی کا استقبال کرتی ہے مگر تبدیلی کے نام پر مایوسی پس ہمتی ، سراسیمگی ، اور ذات کی نوحہ گیری یہ ایک مرض ہے اسے شمس الرحمن فاروقی کے گرگوں نے عام کیا ہے مگر اب دھیرے دھیرے لوگ اس کی اصلیت بھی سمجھنے لگے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کل کے مقابلے میں آج ہر ادیب اور ہر شاعر کمیٹیڈ ہے یعنی بھلائی اور اچھائی کا تصور سب کو عزیز ہے۔
ظہیر انصاری یہ شاعر و ادیب کا کمٹیڈ ہونا کیا ہے اور کس حد تک ضروری ہے ؟
عنایت اختر: شاعر کا اپنے عہد کے تئیں کمٹیڈ ہونا ضرور ی ہے۔ اردو کا سب سے بڑا کمٹیڈ شاعر جعفر زٹلی تھا۔ ہر شاعر اپنے عہد کا کمٹیڈ ہوتا ہے۔ میر تقی میرؔ سے لے کر آج تک جتنے بھی شاعر گذرے ہیں سب نے اپنے عہد کی ترجمانی کی ہے۔ غالب ہوں یا میر ہوں یا کوئی اور شاعر ہو یہ سب کے سب کمٹیڈ تھے۔ یہ بات آج بھی لاگو ہوتی ہے۔ آج کا نیا شاعر اور نیا ادیب زیادہ کمٹیڈ ہے۔ زیادہ با شعور ہے ، زیادہ انقلابی ہے۔ وہ ہر ظلم کے خلاف آواز اٹھا تا ہے یہی اس کی پہچان ہے۔
ظہیر انصاری : لیکن جن شاعروں اور ادیبوں کا آپ نے ابھی ذکر کیا ہے وہ سب کے سب کل وقتی (full timer) تھے۔ لیکن آج ایسا نہیں ہے۔ اس میں ان کا قصور ہے یا حالات کا اور اس کا سدباب کیا ہے ؟
عنایت اختر: آج کے دور کے تناظر میں شاعر اگرfull timer ہو گا تو کھائے گا کہاں سے ، زندہ کیسے رہے گا۔ سماج کے تئیں اس کی ذمے داریاں ہیں۔ بال بچے ہیں۔ پرانے زمانے کے تو راجے مہاراجے اور نواب ادیبوں اور شاعروں کو وظیفہ دیا کرتے تھے۔ آج کے شاعر کو اپنی روزی خود پیدا کرنی پڑتی ہے۔ یہ اس کا بہت بڑا احسان ہے ہم پر کہ وہ روٹی بھی مہیا کرتا ہے اور تخلیق بھی کرتا ہے۔ یہ بہت بڑا کام ہے۔
م۔ ناگ: آپ نے اپنی خود نوشت بھی شروع کی تھی۔ اس کے بارے میں کچھ بتائیے ؟
عنایت اختر: میری خود نوشت ’’چوری چکاری سے ترقی پسند تحریک تک ‘‘ بڑی کار آمد چیز ہے ، اگر زندگی رہی ، اور میں نے اسے مکمل کر لیا تو بقول مرحوم رشید حسن خان کے اردو ادب کے لیے ایک سوغات ہو گی۔ اس سے متعلق میں اور کیا کہوں ؟
ظہیر انصاری : آج کے اردو ادب میں گروپ بندی اظہر من الشمس ہے۔ اسے کس طرح سے Counter کیا جا سکتا ہے ؟
عنایت اختر: گروپ بندی کا آغاز شمس الرحمن فاروقی اور گوپی چند نارنگ نے کیا۔ یہ اپنے اپنے مریدوں کے ساتھ میدان میں اترے اور اردو ادب کو با قاعدہ اکھاڑہ بنا دیا جس سے ہم کو خاصا نقصان ہوا۔ اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہر ادیب اور شاعر نقادوں سے پیچھا چھڑا کے اپنی نظر آپ پیدا کرے اور نقادوں کو اٹھا کر پھینک دے۔
ظہیر انصاری : نئی نسل بھٹک رہی ہے۔ بے سمت و بے منزل اس کا سفر ہے۔ کیا یہ seniorsپر فرض نہیں بنتا کہ انھیں ایک سمت دیں ؟
عنایت اختر: کوئی نسل نہیں بھٹکتی۔ آگے جا کے کبھی دائیں کبھی بائیں کچھ دور جانے کے بعد تجربوں کی روشنی میں ان کو اپنا راستہ خود مل جاتا ہے۔ سمت دینے والے ہم کون ہوتے ہیں۔ آپ کے پاس نظر ہے ، مطالعہ ہے تو سمت بھی خود مل جائے گی۔
ظہیر انصاری : جدیدیت اور ما بعد جدیدیت کے غلغلے سے ایک ادیب و شاعر آج خود کو آزاد محسوس کر رہا ہے۔ ادب کے فروغ کے لئے کسی تحریک یا ازم یا رجحان کا ہونا ضروری ہے۔ ؟
عنایت اختر: یہ (جدیدیت اور ما بعد جدیدیت) تو ایک ریکٹ تھا صرف لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے اور جن کے پاس یقین کی کمی تھی وہ ا ن کے پیچھے ہو لئے لیکن دھیرے دھیرے اس غبارے سے بھی ہوا نکل گئی اور ہر لکھنے والا اپنی نظر سے دیکھنے لگا۔
(تحریک یا ازم یا رجحان) ضروری ہے بھی اور نہیں بھی ہے۔ ترقی پسند تحریک جب وجود میں آئی اس وقت ہمارا ملک غلام تھا۔ آزادی کی تحریک شباب پر تھی اس لئے ا س کی ضرورت تھی۔ آج ہمارا مقصد پورا ہو گیا ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ترقی پسند نقطۂ نظر ختم ہو گیا ہے۔ جب تک ظلم زندہ ہے ، لوٹ کھسوٹ زندہ ہے ، فرقہ پرستی زندہ ہے ، دنگے اور فسادات زندہ ہیں ، جھوٹ اور بے ایمانی زندہ ہے ، تب تک تحریک زندہ رہے گی۔
ظہیر انصاری : ہم نے فل سرکل (full circle)مکمل کر لیا۔ اگر یہ سب ریکٹ تھا تو ترقی پسند تحریک کیا تھی ؟
عنایت اختر: ترقی پسند تحریک اپنے عہد کی بھٹی سے نکلی ہوئی چنگاری تھی جو آگے چل کر شعلہ بن گئی۔ مشعل بن گئی۔ یہ مشعل سجاد ظہیر کے ہاتھ میں تھی اور اس کی روشنی میں جو لوگ آئے انھوں نے اردو ادب میں بہت بڑا مقام بنایا۔ ترقی پسند ادبی تحریک ایک کہکشاں تھی جس کا ہر ستارہ اپنی جگہ پر ایک دنیا تھا۔ کرشن چندر، بیدی، مہندر ناتھ، قرۃ العین حیدر، رما نند ساگر اور بہت سارے ادیب تھے جو تحریک سے وابستہ ہو کر آئے تھے اور آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ لیکن یہی بات آپ جدیدیت اور ما بعد جدیدیت کے بارے میں نہیں کہہ سکتے۔
م۔ ناگ: آپ نے ترقی پسندوں کا دور قریب سے دیکھا ہے۔ آج کی ادبی صورت حال اور اس دور کی صورت حال میں کیا فرق محسوس کرتے ہیں ؟
عنایت اختر : اس زمانے میں ہمارے ملک میں نہیں بلکہ عالم گیر پیمانے پر ساری دنیا میں ایک بے چینی سی محسوس ہو رہی تھی۔ جس کا ذکر فراقؔ گورکھپوری نے اپنے شعر میں کیا ہے۔
زمین جاگ رہی ہے کہ انقلاب ہے کل
وہ رات ہے کہ کوئی ذرہ محو خواب نہیں
کہنے کا مقصد یہ ہے کہ پورا ایشیا بے چینی کے دور سے گزر رہا تھا سودیت انقلاب کا جس نے پوری دنیا کو بیداری کی بھٹی میں جھونک دیا تھا جس میں ہمارا ملک بھی شامل تھا۔ اور ترقی پسند ادیبوں نے اس آگ کو مزید بھڑکایا ، اس زمانے میں جو ادب لکھا جا رہا تھا وہ بیداری کا ادب تھا۔ جد و جہد اور انقلاب کا ادب تھا جس کی بنیاد بنے بھائی سجاد ظہیر نے رکھی۔ اس زمانے کے ادب اور آج کے ادب میں طرز فکر کا فرق ہے۔ ہر ادیب تبدیلی چاہتا تھا۔ پورا ملک تبدیل ہو رہا تھا اس کا اثر ادب پر بھی پڑا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ترقی پسند ادب تحریک آزادی کا ہراول دستہ بن گیا اور ترقی پسند شاعری اور افسانے ناول اور ادب پارے گلی گلی میں گونجنے لگے۔
اس دور کے اور آج کے ادب میں سب سے پہلا فرق یہ ہے کہ آج تجربوں کی کمی ہے۔ پھر یہ نسل یقین سے بھی محروم ہے اور اچھے ادب کی تخلیق کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے پاس ایک صحت مند اور واضح فکر ہو۔
م۔ ناگ: کیا آپ نے سیریل اور فلموں کے لیے بھی لکھا ہے ؟
عنایت اختر: کسی زمانے میں مجھے شوق پیدا ہوا کہ میں بھی کچھ لکھوں لہٰذا میں نے جو کچھ بھی لکھا وہ اس جذبے کے زیر اثر لکھا۔ پیسہ کمانے کی غرض سے ایک لفظ بھی نہیں لکھا ! یہی وہ زمانہ تھا سیریل بننے لگے۔ اس وقت سیریل ’’مکٹ‘‘ نامی جو زندگی کی سچائی کا ترجمان تھا ، سعید مرزا، عزیز مرزا اور کندن ساہنی نے یہ تصور لیا تھا نتیجہ یہ ہوا کہ مکٹ اپنے وقت کا سب سے مشہور سیریل بن گیا۔
ظہیر انصاری : لیکن زندگی (جینے ) کے لئے پیسے کی اہمیت تو ہے۔ کیا آپ اس سے انکار کر سکتے ہیں ؟
عنایت اختر: بالکل نہیں۔ بقول نظیرؔ اکبر آبادی
پیسہ ہی رنگ روپ ہے پیسہ ہی مال ہے
پیسہ نہ ہو تو آدمی چرخے کی مال ہے
ظہیر انصاری : آخری سوال ، ملک کی سیاست کہاں جا رہی ہے ؟
عنایت اختر: آج کی سیاست بہت گندی ہے۔ اس لئے کہ اسے چلانے والے ہاتھ گندے ہیں۔ ان ہاتھوں میں بے گناہ لوگوں کا خون رچا ہوا ہے۔ سیاست اپنی جگہ پر بری نہیں ہے۔ لوگ اس کو برا بناتے ہیں۔ پنڈت جواہر لال نہرو ، مہاتما گاندھی اور کانگریس کے اس زمانے کے بڑے بڑے لیڈر ملک اور قوم کے ہمدرد تھے۔ آج تو سب چور ہیں۔ صرف اپنی جیب بھرتے ہیں۔
****
عباس نے کہا ___
جیلانی بانو
ظہیر صاحب آداب!
کل آپ سے فون پر بات ہوئی تھی !
’’عباس نے کہا ‘‘ یہ افسانہ میں نے ۲۰۰۴ء میں لکھا تھا۔
کیوں لکھا ____؟اس آگ ، نفرت اور غصہ کو کم کرنے کے لیے جو بُش کے خلاف میرے دل میں بھڑک رہی تھی۔
بش نے عراق کے ا سکول، میوزیم تاریخی لائبریری تباہ کیا۔ حضرت علی کے مزار کے آس پاس بمباری کیا۔ شیدا درگاہ جلا ڈالے۔ ہم ٹی۔ وی پر ان ہزاروں زخمی ہونے والے لوگوں کو دیکھ رہے تھے۔ ہمدردی کا ڈھونگ رچانے امریکی فوج ان کی مدد کو پہنچ گئی تھی۔ منتظر الزیدی نے ۱۴ دسمبر کو بش پر جوتا پھینکا۔
لیکن اس افسانے کا عباس آج سے پانچ برس پہلے بش کے منھ پر لات مارنے کو کھڑا ہو گیا تھا۔
پاکستان کا ایک ادبی رسالہ اس افسانے کو شایع کرنے کی جرأت نہیں کر سکا تھا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس سے میرے افسانوں کی جو کتاب شایع ہوئی ہے۔ اس کے پبلشر نے بھی اس افسانے کو کتاب میں شامل کرنا مناسب نہیں سمجھا تھا۔
لیکن یہ افسانہ ہندوستان کے ایک اہم ادبی رسالے میں شامل ہے۔ اور میں چاہتی ہوں یہ افسانہ میں پھر آج آپ کو سناؤں۔ اس لیے تحریر نو میں اسے شامل کر لیجیے۔
جیلانی بانو
’’ نمسکار___‘‘ اب آپ آ کاش سے سماچار سنئے __آج کے مکھیہ سماچار___
عراق میں یدھ کی تیاریاں زوروں پر ہیں __
اس یدھ کو ٹیلی کاسٹ کرنے کے لیے امریکہ نے ساری دنیا کے ٹی۔ وی چینلس سے کئی ملین ڈالر کے کنٹریکٹ کیے ہیں۔ ٹی۔ وی چینلس کی ان کمپنیوں نے یہ شرط رکھی ہے کہ عراق کی تباہی اور بربادی کے ایسے مناظر دکھائے جائیں جو اس سے پہلے کسی جنگ میں نہیں دکھائے گئے __اور عراق کے شہروں پر ان ہولناک ہتھیاروں کے برسنے کے سین بھی ہوں ، جنھیں چھپا دینے کے الزام میں عراق کو برباد کرنے کا پلان بنایا گیا ہے ___
اس لیے آج ساری دنیا میں ہل چل مچ گئی ہے __لوگ اپنے کام پر نہیں گئے __بچے ا سکول نہیں گئے __عورتوں نے ساسبہو والے سیریل نہیں دیکھے ___کارٹون نیٹ ورک اور ’پوگو‘ کی بجائے سب عراق پر بمباری کے بعد انسانوں کے بکھرے ہوئے ٹکڑے اور جلتے ہوئے شہروں کا تماشہ دیکھتے رہے ___
اس یدھ کے بعد عراق کی تعمیر نو کے ٹھیکے حاصل کرنے کی دوڑساری دنیا کے بازاروں اور امریکہ کی تجارتی منڈیوں میں شروع ہو چکی ہے۔
امریکی گورنمنٹ ساری دنیا کی مارکیٹ سے ٹنڈر طلب کر رہی ہے __تیل کے چشمے کون جلائے گا __؟ تیل کے ان چشموں کی آگ بجھانے کا کنٹریکٹ کسے ملے گا __ ؟ ائیر پورٹ اور بندر گا ہوں کو کیسے تباہ کیا جائے گا ___؟ ان ٹھیکوں کے حقدار صرف وہی ملک ہوں گے جو عراق کو تباہ کرنے میں امریکہ کا ساتھ دیں گے۔
اس یدھ کی تازہ جان کاری کے لیے اب ہم عراق چلتے ہیں اور عراق میں ہمارے سنواداتا احمدؔ سے بات کرتے ہیں ____احمد___؟ عراق یدھ کے بارے میں آپ ہمارے درشکوں کو کچھ بتائیں گے ___؟
’’ اس یدھ سے فائدہ اٹھانے کے لیے امریکہ کے شیئر بازاروں میں بڑی چہل پہل نظر آ رہی ہے __جو ملک اس یدھ کے خلاف کچھ نہ کہیں گے وہ بھی اپنے ٹنڈر بھر سکتے ہیں اور جو ملک اس یدھ کے خلاف کچھ کہنے کی جرأت کریں گے امریکی میزائلس کا رخ ان کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
اس یدھ سے امریکہ اور اس کا ساتھ دینے والے ملکوں کو لاکھوں ڈالر کی آمدنی کی سمبھاؤنا ہے۔ ‘‘
اس جان کاری کے لیے دھنیہ واد !
اب آپ سی۔ این۔ این سے وصول ہو نے والا ایک وشیش چتر دیکھئے ___
سعودی عرب، کویت اور ایران کے ملکوں کے شا ہوں نے اس یدھ سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایسے شاندار محل بنائے ہیں جن پے کسی میزائل کا اثر نہیں ہوتا۔ ان محلوں میں دنیا کی ہر آسائش ہے۔ تمام شاہ اور شاہ بچے ٹی۔ وی سیٹ کے سامنے بیٹھے ہیں اور عراق کی مقدس مذہبی عمارتوں ، میوزیم، لائبریری اور کربلا پر بمباری کے مناظر دیکھ رہے ہیں۔ ان شا ہوں نے طے کر لیا ہے کہ وہ اس یدھ کے خلاف کچھ نہ بولیں گے مگر اس یدھ میں لڑنے والے بہادر سپاہیوں کے سر پر دستارِ فضیلت رکھیں گے ____اس کے لیے ان جاں باز سپاہیوں کو حضور کے آگے سر جھکانے کی ضرورت نہیں ہو گی ____حضور کے آگے ان سپاہیوں کے صرف سر لائے جائیں گے _____آپ جانتے ہیں کہ ہمیشہ بادشاہوں نے اس طرح فنکاروں ، ا دیبوں اور سپاہیوں کو نوازا ہے ___
اب ہم تازہ جان کاری کے لیے آپ کو نجیب اشرف کی طرف لے سے ہر طرف آگ اور دھواں پھیلا ہوا ہے۔ لوگوں کے رونے چلانے کی آوازیں ہمارے درشک سن رہے ہوں گے __
ہمارے سامنے سے بے شمار انسان ، روتے ہوئے بچے ، زخمی عورتیں پناہ ڈھونڈنے کے لیے ادھر اُدھر بھاگ رہے ہیں ___آپ ان کی آوازیں سن سکتے ہیں ___
’’ یا علی __یا مولیٰ علی مشکل کشا __یہیں اپنے پاس بلا لو ___حضرت علی کے سایے میں چھپا لو__میرے مولا__میری مدد کرو__ کوئی ہے __؟کوئی ہے ___؟ میرے بچے کو بچا لو ___‘‘
ایک لنگڑا بوڑھا آدمی چھوٹے سے بچے کی انگلی تھامے ، بمباری سے بچنے کے لیے بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ دونوں ڈر کے مارے زور زور سے رو رہے ہیں ___بوڑھا زور زور سے چلا رہا ہے ___
’’ مولیٰ علی ____مشکل کشا ___مجھے اپنے پاس بلا لو ___میرے بچے کو اپنے سایے میں چھپا لو__‘‘
’’ رک جائیے حضرت ___آپ حضرت علی کی مزار کی طرف مت جائیے __‘‘
میں اس بوڑھے آدمی کو روک کر کہنا چاہتا ہوں ___مگر اسے یہ بات کیسے سناؤوں کہ حضرت علی کے مزار کی دیواریں بم کے دھماکوں سے ٹوٹ رہی ہیں ___ہر مشکل وقت پر مولیٰ علی مشکل کشا کو پکارنے والا کوئی بھی انسان اس بات پر یقین نہیں کرے گا۔ وہاں امریکی میزائل آگ برسا رہے ہیں ___
آئیے ___اب ہم آپ کو اس میٹنگ میں لے چلتے ہیں جو جارج بش نے اپنے مشیروں کے ساتھ صلاح و مشورہ کرنے کو بلائی ہے۔ مگر اس دستور زباں بندی میں سب چپ چاپ بیٹھے ہیں اور زمین سے آسمان تک صرف بش کی آواز گونج رہی ہے ___
ہمارے سنواداتا کے ایک سوال کے جواب میں ایک امریکی فوجی کمانڈر نے کہا۔
’’ ہم امریکی ایک کلچرڈ قوم کے نمائندے ہیں ___ہم عراق کے قوم کو کوئی تکلیف پہنچانا نہیں چاہتے اسی لیے ہم نے عراق کے ا سکولوں ، تاریخی لائبریری ، میوزیم ، مقدس مزاروں کو آگ لگائی ہے جہاں اسلام کی تاریخ اور تہذیب کو کتابوں اور میوزیم میں محفوظ رکھا گیا ہے __
’’ اب امام حسین ، حضرت علی ___اور یزید کے دور والے قصے ، اپنے اسلاف کے کارنامے پڑھنے سے عراق کے بچے محروم ہو جائیں گے۔ پھر عراق میں حسین، علی، عباس جیسے بچے کی پیدائش کا کوئی ڈر نہیں رہے گا___‘‘
’’ تو کیا آپ سارے عراق میں آگ لگانے والے ہیں __؟
’’ نہیں ___ہم نے تیل کے چشمے ، ائیر پورٹ ، سر کاری عمارتوں اور قومی شاہراہوں کو تباہ نہیں کیا ہے۔ ‘‘
دھنیہ واد آپ کی اس جان کاری کے لیے __
اب ہم اپنے عراق کے سنواداتا ندیم سے بات کریں گے __
’’ ندیم __بمباری سے تباہ ہونے والے شہروں میں امریکی فوج کوئی امدادی کا م کر ر ہی ہے ___؟
’’ہاں ___آپ کو یاد ہو گا کھاڑی یدھ میں سمندر میں تیل پھیل جانے سے سمندر کے پرندے بیمار ہو گئے تھے ___اور اس کے لیے ساری امریکن قوم دکھی ہو گئی تھی ___ان کی صحت کے لیے امریکن گورنمنٹ نے اپنی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے میزائلز کا رخ عراق کے شہروں اور میوزیم کی طر ف کر دیں۔ سمندر کے پرندوں کو پریشان نہ کریں۔ ‘‘
ہمارے ایک سوال کے جواب میں ایک امریکی فوج کے کمانڈر نے کہا۔
ہمارے میزائلز کا رخ ان احمق عراقی بچوں کی طرف ہو گا جو اپنی ماؤں سے پوچھ رہے ہیں۔ ’’ مستقبل کسے کہتے ہیں ___؟ ‘‘
’’ ندیم! کیا آپ ہمیں بتائیں گے کہ عراق میں روتے ہوئے بچے کسے پکار رہے ہیں ___کیا ان کی مدد کو کوئی آنے والا ہے ____؟
’’ شاید آپ کو یاد ہو گا کہ جب علی کا بیٹا ، محمد کا نواسہ یزید کے آگے سینہ سپر ہو گیا تھا تو کچھ ساتھیوں نے اسے ہمت دلائی تھی۔ ان کے ساتھ آنے کا وعدہ کیا تھا۔ مگر وہ اپنی عیش و عشرت کی زندگی چھوڑ کر کربلا کے میدان تک پہنچنے کی ہمت نہ کر سکے ___اور __اور پھر __؟ ٹھہریے ___رک جائیے __وہاں دور مجھے کچھ نظر آ رہا ہے __
’’ ندیم ___اس وقت تم کہاں ہو اور کیا وہاں امن کی کوشش کرنے کے لیے کسی ملک سے کوئی منسٹر آنے والا ہے ____؟‘‘
’’ میں اس وقت دریائے فرات کے کنارے کھڑا ہوں ___عراق کے آسمان پر میزائلز منڈ لا رہے ہیں۔ ہر طرف آگ اور دھواں پھیلا ہوا ہے __بہت دور __عرب کی کھاڑی کے کنارے ایک عرب شہزادہ اس لڑائی کی فلم بندی کر رہا ہے ___
میں اس کے پاس جا کر پوچھتا ہوں ___
’’ اے عرب کے نوجوان شہزادے ___! آج پھر کربلا کے میدان میں یزید کی فوجیں گھس آئی ہیں ___تم نے تو حسین کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا ____آگے کیوں نہیں بڑھتے __؟
حضرت علی کے مزار پر بم برسانے والوں کا راستہ کیوں نہیں روکتے __؟ وہ عرب شہزاد ہ گردن جھکا کر کہتا ہے__
’’ ہمیں حسین اور ان کے اصول بہت عزیز ہیں۔ ان کی طرف بڑھنے والے جھوٹ اور ظلم کے ہر ہاتھ کو میں توڑ دینا چاہتا ہوں __مگر پھر ان ظالموں کے ہاتھ ہماری طرف نہ اٹھ جائیں ___میرا باپ عرب کا کنگ ہے __وہ اپنے سر پر سجے ہوئے تاج کو نہیں اتار سکتا۔ فرعون اور شداد___یزید اور بش __سب اپنے مشن کی تکمیل میں لگے ہوئے ہیں۔ میں بھی ان ظالموں کے خلاف ہاتھ اٹھانا چاہتا ہوں۔ مگر انھوں نے میرے ہاتھ باندھ دیے ہیں __‘‘
اب ہمارے درشک عرب شہزادے کے پھیلے ہوئے ہاتھ ٹی۔ وی ا سکرین پر دیکھ سکتے ہیں جن میں ڈالر سے بھری ہوئی تھیلیاں لٹک رہی ہیں __
’’ آئیے __اب ہم آپ کو ایک ایسی خندق کے پاس لے چلتے ہیں جو امریکن فوج نے عوام کی حفاطت کے لیے بنوائی ہے __اندر جانے والوں کی لمبی قطاریں ہیں __
جانے کون سی منزلوں ، کون س وادیوں سے گزر کر عراق کے عوام کا یہ قافلہ سخت جان ، ان قدموں تک پہنچا ہے۔ یہ اب ان کی آخری پناہ گاہ ہے __
وہ دیکھئے __خندق کی طرف بھاگتے ہوئے لوگوں کا ہجوم ہے __
بچارے __موت سے بچ کر کسی کی پناہ چاہتے ہیں ___عراق کے وہ جیالے عوام، جنھوں نے حق اور سچائی کی ہر لڑائی جیتی اور موت انھیں مار نہ سکی ___
ایک امریکی فوجی انھیں حکم دے رہا ہے ___
’’ جلدی جلدی آؤ اور ہماری پناہ گا ہوں میں چھپ جاؤ۔
بوڑھوں ، بچوں اور زخمی سپاہیوں کو باہر ہی چھوڑ دو __اندر جانے سے پہلے اپنے چہرے پر ما سک چڑھا لو __پھر تم کچھ نہ دیکھ سکو گے ___کچھ نہ سن سکو گے ___
یہ خندقیں ان عراقی نوجوانوں کے لیے بنائی گئی ہیں جو بش کے حکم پر سر جھکا دیتے ہیں۔ ‘‘
’’ میرا نمبر کون سا ہے ___؟ خندق کے اندر جانے سے پہلے ایک عراقی نوجوان پوچھ رہا ہے۔ ‘‘
’’ تو آنے والا امریکی میزائل تمہیں بتا دے گا۔ ‘‘
’’ نو جوانو___خندق کے اندر چھپ جانے سے پہلے نیند لانے والی وہ دوا کھالو جو آج عرب کے ہر نوجوان کو کھلائی جا رہی ہے۔ پھر وہ امریکی لیڈروں سے سوال کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔
خندق کے اندر جانے والے نوجوانو ___! اپنے وصیت نامے ہمیں دے دو ___
اندر جانے والوں میں کوئی ایسا نہیں ہے جسے کل زندہ رہنا ہے __
ہمارے درشک دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے سامنے سے بار بار کالی چادر اوڑھے ایک عورت ادھر ادھر بھاگ رہی ہے ___رو رہی ہے ___چلا رہی ہے ___
اس کی گود میں ایک چھوٹا سا بچہ رو رہا ہے __
پھر وہ عورت میری طرف دیکھ کر پوچھتی ہے ___
کون ہو تم__کیا نجف اشرف سے کوئی خبر لائے ___؟ مجھے سچ بتاؤ___
نجف اشرف پر تو کوئی بم نہیں گرا ہے ____؟ یا مولیٰ علی ___مشکل کشا___
حسین __ حسین__ عباس __تو کہاں ہے بیٹے ___!
مجھے پیاس لگی ہے ___ میرا بچہ پیاسا ہے __ارے کوئی ہے __؟
عباس کو بلاؤ ___وہ روز دریائے فرات سے اپنی مشک میں پانی لا کر پیاسوں کو پلاتا ہے ___آج پھر کربلا کی رات آ گئی ہے __وہ اپنے پیاسے بھائیوں کے لیے پانی لے کر کیوں نہیں آتا ___؟
ہمارا سنواد داتا اس عورت کے پاس جاتا ہے۔ مگر وہ روک دیتی ہے۔
ابھی چپ رہو __مجھے قبلہ کی طرف منھ کر کے دعا مانگنے دو __
’’ یا اللہ __میرا خاوند، میرا عباس __میرا گھر کہاں ہے ___!
انھیں اپنی حفظ و امان میں رکھیو ___‘‘
وہ عورت گھبرا کے ادھر اُدھر دیکھ رہی ہے۔
’’ اتنی آگ کس نے لگائی ہے۔ اس دھوئیں میں میرا قبلہ چھپ گیا ہے ___
میں اذان کی آواز کیسے سنوں گی ___ارے کافرو ___تم نے میزائل کی گھن گرج میں اذان کی آواز بھی گم کر دی ہے __‘‘
ہمارا سنواد داتا اس عورت کے پاس جاتا ہے۔ مگر وہ روک دیتی ہے
’’ ٹھہرو __مجھے قبلہ کی طرف منھ کر کے دعا مانگنے دو۔
’’ بی بی ! تم اپنا نام بتاؤ گی ___؟‘‘
’’ تم __؟ کون ہو __؟ عورت روتے ہوئے بچے کو اپنی کالی چادر میں چھپا کر دور ہٹ جاتی ہے۔
’’ میں ایک ٹی۔ وی چینل کا نیوز رپورٹر ندیم ہوں۔ بی بی __اپنا نام بتاؤ گی ہمیں ___؟‘‘
’’ تم کیا جانو میں کون ہوں ___؟ وہ عورت بڑے غرور کے ساتھ اپنا سر اونچاکر کے کہتی ہے۔
’’ میں اس زمین کی ماں ہوں جہاں غرور کا ہر شیشہ شکستہ ہوا ہے۔ ‘‘
پھر وہ اپنی گود کے بچے کا سر اونچا کر کے اس سے کہتی ہے۔
’’ دیکھ ___دیکھ میرے بیٹے __اوپر کی طرف دیکھ __تیرا بھائی عباس اب پانی کی مشک لے کر آئے گا __جب بھی دشمن ہمیں مارنے آئے ہیں۔ عباس اپنی مشک میں پانی بھر کے زخمیوں کو پلاتا ہے۔ ‘‘
وہ عورت آنکھوں پر ہاتھ رکھ کر چاروں طرف دہکنے والی آگ اور دھوئیں کے پار کچھ دیکھ رہی ہے ___پھر وہ اپنی گود میں روتے ہوئے پیاسے بچے سے کہتی ہے۔
’’ اوپر کی طرف دیکھو___وہ اب آ جائے گا __‘‘
ہر ماں اپنے بچے کو ہمیشہ اوپر کی طرف دکھاتی ہے __کوئی وعدہ__ امید کا جگمگاتا ہوا چاند___امن کا پیغام لانے والی چڑیا __ہاتھوں میں پانی کی مشک اٹھائے دوڑتے ہوئے عباس ___بچہ اوپر کی طرف دیکھتا ہے۔ پھر قہر کی آگ برساتے ہوئے امریکی میزائل کی آواز سن کر ماں کی گود میں چھپ جاتا ہے ___
وہ عورت گھبرا کے ہمارے سنواد داتا ندیم سے پوچھ رہی ہے __
’’ کیا تم جانتے ہو میرا عباس آج پیاسوں کو پانی پلانے کیوں نہیں آیا ___!
کیا اہلِ کوفہ ہماری مدد کے لئے آ رہے ہیں ___ تم کیا خبر لائے ہو ___!
’’ خاتون محترم__ابھی ہمیں ایسی کوئی جان کاری نہیں ملی کہ ______کسی اور سے کوئی تمہارے لیے پانی لانے والا ہے۔
اچھا __؟ وہ عورت غصہ اور نفرت سے اپنا منھ پھیر لیتی ہے۔
’’ شاید تمہیں ابن زیاد نے بھیجا ہے __فرات کے کنارے بھوکے اور پیاسے زخمی عراقیوں کا تماشہ ساری دنیا کو دکھانے کے لیے آئے ہو ___؟ ہٹ جاؤ میرے سامنے سے ___اپنے کیمرے ہٹالو__
مجھے دیکھنے دو __وہ سب کہاں ہیں جنھوں نے اس لڑائی میں حسین کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا ___؟
میرا عباس کہاں ہے ___عباس __عباس __ عباس __؟
ہمارے درشک سن رہے ہیں ___اس عورت کی آواز دور دور تک سنائی دے رہی ہے ___سارے عرب میں ایران، کویت، افغانستان ، پاکستان تک ___دور دور تک پھیلے ہوئے ریت میدان اور تیل کے چشموں سے آگے __ہمیں تو اس پیاسی ماں کی پیاس بجھانے کے لیے کوئی اس طرف آتا دکھائی نہیں دیتا __
شاید وہ عورت نہیں جانتی کہ اب آسمان سے نہ کوئی کتاب اترے گی نہ کوئی رسول آئے گا ___
آئیے __اب ہم دریائے فرات کے کنارے بمباری سے تباہ ہونے والے ایک شہر کی طرف لے چلتے ہیں ___یہ پورا شہر تباہ ہو گیا ہے۔ ہر طرف آگ لگی ہے۔ لاشیں پڑی ہیں۔ یہاں کیا ہو رہا ہے۔ اس کی جانکاری کے لیے ہم اپنے سنواد داتا منیش سے بات کرتے ہیں۔
منیش __ دریائے فرات کے کنارے شہر بغداد پر اتنی بمباری ہوئی ہے۔ اس کے بارے میں آپ ہمارے درشکوں کو کچھ بتائیں گے __؟
’’ نمسکار ___دو دن تک مسلسل بمباری سے یہ پورا شہر تباہ ہو گیا ہے۔
اس وقت میں جہاں کھڑا ہوں وہاں ایک پورا بازار اور ا سکول ابھی تک جل رہا ہے __
یہاں ایک اسلامی تاریخ کا میوزیم تھا اور ایک لائبریری تھی __ایسا لگتا ہے کہ اسی جگہ کو تباہ کرنے کے لیے اتنی بمباری کی گئی ہے۔ کیوں کہ ابھی تک آگ بجھانے کے لیے فائر انجن بھی نہیں آئے ہیں ___
’’ منیش ___؟ کیا تمہیں وہاں کوئی زندہ انسان نظر آ رہا ہے جس سے معلوم ہو کہ میوزیم اور لائبریری پر بمباری کیوں کی گئی __؟
’’ نہیں ___ہمارے چاروں طرف ہر چیز جل چکی ہے۔ ٹوٹے ہوئے گھروں کے نیچے لاشیں پڑی ہیں۔ کچھ زخمی لوگ چلا رہے ہیں۔ امریکی فوج کی لاریاں ان زخمیوں کو اٹھا کر لے جا رہی ہیں۔ ‘‘
’’ ان زخمیوں کو کہاں لے جا رہے ہیں __؟‘‘
’’ یہ تو مجھے نہیں معلوم ____مگر جنگ شروع ہونے سے پہلے امریکہ کی بڑی بڑی کمپنیوں نے عراق کے زخمیوں اور لاشوں کو اٹھانے کے ٹھیکے لے لیے ہیں۔ ‘‘
’’ منیش ___دھنیہ واد اس جانکاری کے لیے ___‘‘
آئیے __اب ہم آگے چلتے ہیں __مگر __ذرا ٹھہریے __مجھے یہاں ایک بچے کے رونے کی آواز آ رہی ہے __
ہمارے درشک دیکھ رہے ہیں ___یہاں ہر طرف لاشیں پڑی ہیں __آئیے ___ اس جلے ہوئے گھر کے اندر چلتے ہیں ___اوہ__اتنی تباہی __ ؟ ذرا رک جائیے __
وہاں ایک دس گیارہ برس کا زخمی بچہ رو رہا ہے __اکیلا پڑا ہے __
مجھے اس لڑکے کے پاس جانے کے لیے لاشوں کو پھلانگنا پڑرہا ہے۔ چاروں طرف خون بہہ رہا ہے۔ میرے ساتھ ایک امریکی سپاہی بھی ہے وہ زخمیوں کو اٹھانے کے لیے آئے ہیں ___
وہ بچہ زخموں سے تڑپ رہا ہے ___میرے پاس کھڑا ایک امریکی سپاہی مجھے بتاتا ہے۔
’’ اس لڑکے کا نام علی اسماعیل عباس ہے۔ اس لڑکے کے دونوں ہاتھ کٹ گئے ہیں ___
وہ زور زورسے رو رہا ہے۔ چلا رہا ہے __
’’ میرے ماں باپ کو بش نے مار ڈالا __میرے دونوں ہاتھ کٹ گئے ___اب میں پیاسے زخمیوں کو پانی کیسے پلاؤں گا __؟میری ماں میرا انتظار کر رہی ہو گی__‘‘
’’ تم ٹھیک ہو جاؤ گے عباس__‘‘ وہ فوجی بچے کو تسلی دے رہا ہے۔
’’ ہم تمہیں امریکہ بھیج رہے ہیں __وہاں تمہارا علاج ہو گا__تمہیں پھر ہاتھ مل جائیں گے __ ‘‘
’’نہیں ‘‘ عباس نے غصہ میں فوجی سے کہا۔
’’ مجھے امریکہ کے ہاتھ نہیں چاہئیں __‘‘ وہ نفرت سے پاؤں پٹکنے لگا۔
’’ میں امریکہ نہیں جاؤں گا۔ مجھے تو امریکہ سے لڑنا ہے۔ عراق کے پیاسے سپاہیوں کو پانی پلانا ہے۔ ‘‘
۔ ۔ ’’ مگر تمہارے ہاتھ کٹ گیے ہیں عباس___تم کیسے لڑو گے __؟‘‘
خون میں ڈوبا ہوا عباس لڑکھڑاتا ہوا اٹھ کر کھڑا ہو گیا اور غصہ میں چلا کر بولا ___
’’ بش نے میرے ہاتھ کاٹ دیے ہیں __مگر میں اسے لات مار سکتا ہوں ___‘‘
عراق یدھ کے اس آخری سماچار کے ساتھ اب ہمیں آ گیا دیجیے __نمسکار __!‘‘
***
جلا دیا شجرِ جاں
مقدر حمید
تنہائی ، قربت، اُس کا والہانہ انداز__مجھ میں جرأت جاگی ، دونوں ہتھیلیوں میں اس کا چہرہ تھام کر ، اپنے ہونٹ اس کے گلابی ہونٹوں پر رکھنا چاہتا تھا ایک طویل بھر پور بوسے کے لیے کہ اچانک دھماکہ سا ہوا۔ اس نے مزاحمت کی ، روک کر، پرے ہٹ گئی۔ سراسیمہ ہو کر میں پوچھ بیٹھا !
’’کیا ہوا؟‘‘
’’کچھ نہیں ....‘‘
’’پھر اس طرح .....یوں ....اچانک.......You don't like me?...‘‘
وہ بولی: ’’.....but.....I do like you‘‘
میں شرمندہ ، ہمارے درمیان در آئے فاصلے پر کھڑا رہا ، خجل اور شکست خوردہ سا۔ تھوڑی دیر بعد وہ رخصت ہونے لگی تو میں نے کہا ’’ No ill- feelings‘‘
اس نے زور دے کر کہا ’’ absolutely not‘‘ اور جانے کے لیے تیار ہونے لگی۔
میری انا بے طرح زخمی ہوئی تھی۔ آخر کیوں اس نے ایسا برتاؤ کیا۔ میں کوئی بچہ تو نہیں کہ ایک پختہ maturedعورت کے اس قدر واضح اشاروں کو نہ سمجھ پاؤں۔ کہیں ایسا تو نہین کہ اس کے اندر نسلی امتیاز جاگ گیا۔ میری گیہواں رنگت ، اس کی گوری چمڑی نیلی آنکھیں ، سنہرے بال___میرا ایشیائی ہونا ؟ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ ایک عرصۂ دراز تک اپنائیت اور یگانگت جتانے کے بعد یکلخت اس کا رویہ کیوں بدل گیا ؟
کہاں تو اسے رخصت کرتے ہوئے میں نے معافی چاہی تھی اپنے بے قابو جذبات کی زد میں پیش دستی کر بیٹھنے پر ، کہاں یہ کہ شرمساری غم و غصے کی صورت اختیار کر نے لگی۔ میں نے ساری sorryکہتے ہوئے نہایت سچے دل سے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا تھا کہ کہیں یہ چھوٹی سی غلطی ہماری دوستی کے آڑے نہ آ جائے ، میں ایک اچھی دوست کو کھونا نہیں چاہتا اور اس نے بڑی فراخ دلی سے ہنستے ہوئے یقین دلایا تھا :اطمینان رکھو .....تم اپنی اچھی دوست کو نہیں گنواؤ گے۔ ایک طرف تو یہ سب اچھی باتیں ، مثبت انداز اور دوسری طرف اند ر ہی اندر کوئی کچوکے لگا رہا تھا : دوستی کا یہ مطلب تو نہیں کہ آپ کھلونا سمجھ کر کھیلنے لگیں ، قرب جتائیں جب تک جی چاہے اور پھر اچانک صرف ایک اچھی دوست بن جائیں ....اچھی دوست .....مائی فٹ ......پھر ایک آواز آتی ، اچھی دوست تو وہ بے شک ہے اور پھر سارے دلائل بے کار لگتے اور مجھے اپنے آپ پر بے حد غصہ آتا۔
ہم مشرقیوں کو پینا پلانا کچھ ان سے سیکھنا چاہیے۔ جو سلیقہ مندی ان کے یہاں ہے اس کا کیا کہنا۔ زمانوں سے جاری مشق ، اخلاقی اور سماجی قدغن سے کھلی چھوٹ نے بنتِ عنب سے ایسا رشتہ استوار کیا ہے کہ جس میں شائستگی بھی ہے ، مہمان داری بھی، لطف و انبساط سے یاری بھی، کیا مجال جو کوئی بہکے ، ہاں مستثنیات exceptionsتو ہر معاشرے میں ہوتے ہیں۔ ہم نے ان کی نقل کی لیکن ہنر نہیں سیکھا۔ ہم تو بس حد سے گذر جاتے ہیں۔
ہمیں ایک دوسرے سے متعارف ہوئے عرصہ ہو چلا تھا۔ ملاقاتیں دوستی میں بدل گئی تھیں۔ بے تکلفی آ چلی تھی۔ ایک دوسرے کو صرف پسند کرنے کی حدیں چاہتوں کا اشارہ بن رہی تھیں۔ ناؤ نو ش کی ایک ایسی ہی ملاقات میں مجھ پر سرور طاری ہو چلا تھا۔ میں نے اس کو گہری نگاہوں سے تاکتے ہوئے کہا تھا: تم بے حد خوبصورت ہو ، خوش مزاج ہو، دراز و خوش قامت ہو ، تمہاری آنکھوں کی مقناطیسی کشش ، بے اختیار و بے قابو کر چھوڑتی ہے۔ وہ شرارت آمیز مخمور نگاہوں سے آر پار دیکھتے ہوئے بولی : ’’ اوہ شکریہ !‘‘ ....اور تم؟تم کیسے ہو، ہینڈسم یا بس یوں ہی۔ کہنا مشکل ہے۔ ‘‘
’’ چلو کہہ دو کہ بدصورت ہو۔ ‘‘
’’ نہیں۔ میرا مطلب وہ نہیں تھا۔ در اصل ہر سوسائٹی اور علاقے میں ، خوبصورتی کے معیار ایک سے نہیں ہیں۔ تو ایسے میں قطعی رائے دینا ذرا رسمی سا لگتا ہے۔ ‘‘
’’ہوں __خوبصورتی کا فلسفہ !‘‘
یہ فلسفے کی کیا رٹ لگا رکھی ہے۔ انھیں باتوں سے تو سرو کار ہے ، یہی تو ایک رائٹر کی سوچ کے علاقے ہیں۔ ‘‘
’’ارے .....ہاں .....میں تو بھول ہی گیا تھا کہ ہم رائٹرس ہیں !‘‘
وہ دیر تک ہنستی رہی ، میں تلملاتا رہا۔
اس کے انڈیا آنے سے پہلے ، لندن میں مقیم میرے افسانہ نگار دوست دیپک کھرانا نے فون پر اطلاع دی تھی۔ دیپک نے بتایا تھا کہ وہ یونیورسٹی میں ریسرچ ا سکالر ہے ، معاصر ادب اس کا سبجیکٹ ہے۔ دیگر منتخب زبانوں کے ساتھ ، اس میں اردو بھی شامل ہے۔ اس تعلق سے ممبئی میں ، اسے تمہارا نام اور فون نمبر دیا ہے۔ ہیلپ کر دینا۔ بڑی سنسیر اور محنتی ہے۔ وہ سچ مچ ویسی ہی نکلی جیسے دیپک نے کہا تھا۔ انگریزی لہجے میں اردو بولتی بڑی کیوٹ لگتی تھی۔ لیکن اس کے ساتھ سیلانی بن کر بھٹکنا، میرے بس کی بات نہ تھی۔ سو میں نے اسے عزیز سیفی سے ملا دیا جو بیک وقت شاعر، افسانہ نگار، مزاح نگار، صحافی، ٹی وی اینکر اور جانے کیا کیا کچھ ہے۔ وہ تو بس چپک ہی گیا اور میں نے سوچا چلو گلو خلاصی ہوئی۔ کہاں کہاں لیے پھرتا شاعروں ، ادیبوں اور نئے پرانے کتب خانوں سے ملانے .....لیکن جِل تھی کہ جب جب شہر میں ہوتی ، کسی بہانے آ ملتی اور وقت سہانا کر جاتی۔ اس نے دلی، علی گڑھ، لکھنؤ، پٹنہ اور حیدر آباد کے چکر لگائے اور اسی بیچ ممبئی آتی جاتی رہی۔ جب بھی آتی نہایت گرم جوشی سے ملتی۔ تجربات و مشاہدات بیان کرتی، بحث کرتی۔
’’میں تو عصری ادب پر کام کر رہی ہوں ، لیکن جو آج ہے وہ بیتے کل سے جڑا ہوا ہے۔ اردو میں فوک، داستان، کتھا وغیرہ کے اثرات زائل ہو چلے ہیں۔ یہ جو کہانی ہے ، ایک زمانہ تھا جب یہ صرف کہی جا تی تھی۔ داستان گوئی ایک با قاعدہ فن تھا۔ قصہ ایک ہی ہوتا لیکن ہر داستان گو اسے اپنے انداز سے سناتا۔ یہ فن اب تقریباً ختم ہو چلا ہے۔ ‘‘
’’صحیح کہا تم نے جِل۔ ہاں کچھ لوگ ہیں جنھوں نے اسے reviveکرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ داستان گوئی سے ملتی جلتی ایک روایت یہاں کی علاقائی زبان مراٹھی میں ہے ، کتھا واچن، جس کا چلن آج بھی ہے۔ ‘‘
’’لیکن میں سمجھتی ہوں کتھا واچن میں کہانی پڑھ کر سنائی جاتی ہے۔ زبانی نہیں۔ ‘‘
’’ہاں ‘‘
’’جب کہ داستان گوئی زبانی، حرکات و سکنات کی آواز کے ڈرامائی اتار چڑھاؤ کے ساتھ ہوتی تھی۔ ‘‘
’’ہاں جِل۔ ایسا ہی تھا۔ یاد آتے ہیں میر و باقر داستان گو، اور بھی بہت سارے نام ہیں۔ ‘‘
اس کی لگن اور سرگرمی قابل رشک تھی۔ باتیں کرتے کرتے اچانک کندھوں پر ہاتھ رکھ دیتی اور اس قدر قریب ہو جاتی کہ اپنے چہرے پر ا س کی سانسیں محسوس کرنے لگتا۔ کہاں تو اسے ٹال کر خوش تھا کہاں یہ کہ اب اس کا انتظار کر نے لگا۔ اسے بھی ملے بنا چین نہ آتا۔ اتنی نزدیکیوں کے باوجود اس نے جو ایک حصار اپنے گرد کھڑا کر رکھا تھا ، بڑا اٹ پٹا سا لگتا۔ کچھ کہتا تو بحث پر اتر آتی ، قدرے سنجیدہ اور رنجیدہ ہو کر۔
’’کیا یہی ایک صورت ہے عورت اور مرد کے بیچ رشتے کی ؟‘‘
’’کم آن جِل ، آئی پوڈ اور آئیپِل کے زمانے میں پلوٹونک ماورائی رشتوں کی بات۔ ‘‘
’’زمانہ چاہے جو ہو کچھ قدریں دائمی.........
’’ لگتا ہے ادبِ عالیہ نے تمہیں زمینی حقائق سے دور کر دیا ہے۔ ‘‘
’’مجھے تو ایسا نہیں لگتا۔ میں خود کو حقائق سے قریب تر پاتی ہوں۔ ‘‘
’’خود فریبی‘‘
’’نہیں خود شناسی۔ بغیر کسی توقع کے ، بغیر کسی لالچ کے ، کسی کو جی جان سے چاہنا بڑا خوبصورت جذبہ ہے ‘‘
’’ او کم آن ناؤ__خوبصورت رشتے ، خوبصورت جذبے .......خوبصورت جِل....می جیک ، یو جِل، آن ٹاپ دی ہل.......اہا ہا ....‘‘
’’تم پسڈ آفpissed-offہو رہے ہو۔ اس وقت کچھ سمجھو گے نہیں .....جاؤ جا کر چپ چاپ سو جاؤ...‘‘
’’سو جاؤں ؟سو جاؤں ؟آں ، کیا تم ہماری دوستی کے خاتمے کا اعلان کر رہی ہو جِل؟‘‘میں چیخا۔
اس شام کچھ زیادہ ہی ہو گئی تھی۔
وہ پھر شہر سے دور چلی گئی۔ اب کے لمبے عرصے بعد لوٹی۔ فون پر میرے لیے اس کا ریکارڈ شدہ پیغام تھا۔ میں نے جواب نہیں دیا۔ اس دوران شعوری کوششوں کے ساتھ خود کو اس سے دور کر نے میں بڑی حد تک کامیاب ہو چلا تھا۔ دل کو سمجھاتا: تو نہیں اور سہی اور نہیں اور سہی ، ہونہہ۔ اس شام وہ پھر ملنے آئی۔ ہم دونوں خاموشی سے ہلکی ہلکی چسکیاں لے رہے تھے۔ وہ اپنے تازہ سفر سے حاصل شدہ مواد سے متعلق کچھ کہہ رہی تھی۔ میں سرد مہری سے صرف بات کر نے کے لیے بات کیے جا رہا تھا ، تہذیب کا ملمع چڑھائے لیکن احساس تھا کہ بیچ آئی دراڑ کو چھپانے میں کامیابی نہیں ہو رہی۔ میری خاموشیوں کے طویل وقفے ، ضبط کے با وجود ، اس کی نمناک آنکھوں سے بے لفظوں کی شکایتیں بن کر ٹپکنے کو تھے۔ ایک بڑا سا گھونٹ بھرا اداس مسکراہٹ کے ساتھ بولی’’ in the endجو چبھن یاد رہ جاتی ہے وہ دشمنوں کے سخت و تلخ الفاظ نہیں ، دوستوں کی خاموشیاں ہوتی ہیں۔ ہیں نا؟‘‘میں چپ رہا۔ اچانک وہ اپنی نشست سے اٹھی، قریب آ کر مجھ پر جھکی اور ہونٹوں پر اپنے ہونٹ چسپاں کر دیے۔ ایک طویل، بھر پور بوسے کے ساتھ بانہوں کا حلقہ کسنے لگا۔ پہلے تو کچھ سمجھ میں نہیں آیا پھر دھیرے دھیرے جذبات میں اتھل پتھل مچی۔ ہم آغوشی اور بوس و کنار کی شدتوں سے گزرتے ہوئے تمام تر سرشاری ، کیف و مستی کے کلاؤڈ نائن cloud nineکی بلندی پر پہنچنے سے قبل میں رکا، ٹھہرا اور سرگوشی کی :
’’تم تو صرف دوست رہنا چاہتی تھیں پھر یہ اچانک کیا ہوا ؟ یہ پہل، یہ والہانہ خود سپردگی ......‘‘
میری سانسیں جیٹ کی رفتار سے چل رہی تھیں اور الفاظ لڑکھڑا رہے تھے۔ میں جھوم رہا تھا ، اس بات سے بے خبر کہ عنقریب جو دھماکہ ہو گا وہ اس رات والے دھماکہ سے زیادہ دہلا دینے والا ہو گا۔ جب وہ یکلخت مجھ سے الگ ہوئی تھی ....اور.....ایک برفانی لہر ساری فضا کو منجمد کر جائے گی۔
’’میں آج بھی اپنے موقف کو بہتر جانتے ہوئے اس پر قایم ہوں ، ‘‘قدرے پیچھے ہٹ کر بڑے پر سکون اور مطمئن لہجے میں بولی ، ’’لیکن تم نے بتدریج فاصلے بڑھائے اور میں نے جان لیا کہ ہمارے بیچ دوستی بر قرار رکھنے کے لیے تم نے ایک ان کہی شرط رکھ چھوڑی ہے .....مجھے تمہاری دوستی عزیز ہے _______سو چا، تمہیں وہ دے دوں جس کے بغیر ہم پہلے جیسے دوست نہیں بن پا رہے ہیں۔ ‘‘
****
خدا کا بندہ
رحمن عباس
بارش بمبئی کی گلیوں کے لئے قہر ہے۔ شاید ان علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کی کثرت ہونے کی وجہ سے اللہ ان سے ناراض ہے اور اسی لئے اللہ انھیں اپنی جباریت یاد دلاتا رہتا ہے . گلیوں میں ٹخنوں اتنا کیچڑ جمع ہو جاتا ہے۔ چھت کی باریک جھریوں سے بارش بستر پر اتر آتی ہے۔ کپڑوں سے عجیب سی بو آنے لگتی ہے۔ موری میں کیچوے اور جانے کتنے چھوٹے موٹے کیڑے مکوڑے رینگنے لگتے ہیں۔ میونسپلٹی کے نل کے پانی میں تال پتری کے ٹپکتے ہوئے قطرے بھی شامل ہو جا تے ہیں۔ چوہے ، گھوس اور مرغیاں گھروں اور دروازوں کے ارد گرد، سکٹرے سہمے ، دعائے مغفرت میں غرقاں ادھ مرے نظر آتے ہیں۔ ایسے میں اپنے کبوتروں کے بھیگتے ہوے ڈربے کو تال پتری سے ڈھانپتے ہوے سیدعبدالباری کی بے قراری کو بھیگتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ انھیں کبوتروں سے بے پناہ محبت ہے اور وہ ساری باتیں جو وہ کسی سے نہیں کہتے ، من ہی من اپنے کبوتروں کو مخاطب کر ، کیا کرتے ہیں۔ آس پاس کی مسلم آبادی کے نو جوان جب ان کے سامنے سے گزرتے ہیں ، اور جوں ہی انھیں باری بھا ئی نظر آتے ہیں ان کی نظریں نیچی ہو جاتی ہیں اور زبان پر۔ ۔ ....السلاما لے کوم باری بھائی رہتا ہے۔ باری بھا ئی کی دھاک ا ن پر کیوں ہے ؟ یہ کسی کو نہیں پتہ۔ مگر سب کو پتہ ہے ، خدا کے اس بندے نے زندگی میں ایسا کچھ بھی نہیں کیا تھا جو بمبئی میں بھائی بننے کی شرط ہے۔ ۔ غنڈوں کے ساتھ وقت گزار نے کے عادی نہیں رہے۔ کبھی کسی سیاسی پارٹی کا ساتھ نہیں دیا۔ اس کے باوجود سیا سی پارٹی کے کارکنان، تبلیغ جماعت کے علاقائی امیر صاحب ، جماعت ا سلامی کے جنرل سیکریٹری، سبھی ان کی عزت کرتے ہیں۔ جبکہ ، حقیقت تو یہ ہے کہ باری بھا ئی نے اپنی زندگی میں نہ کبھی نماز پڑھی، نہ روزے رکھے ، نہ دعا کے لئے ہاتھ اٹھائے ، اور نہ کبھی ٹوپی پہنی۔
آس پاس کی لڑکیاں ان کے دیکھتے ہی دیکھتے جوان ہو گئیں ، آج ان کے سامنے سے گزرتی ہیں تو سر پر دوپٹا سیدھا کر ، سر جھکا کر سلام کرتی ہیں اور دبی زبان میں کہتی ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ باری بھا ئی کبھی ہمارے گھر بھی آیئے نا۔ ۔ ۔ ۔ گویا باری بھائی کو بستی کی تمام لٹر کیوں کے گھر یاد ہوں۔ اب تو باری بھا ئی کو یہ بھی یا د نہیں رہتا کہ کو ن کس کی بیٹی ہے ؟
۲
بارش کے ان ہی قہر رسیدہ اور خدا کی جباریت یاد دلانے والے دنوں میں باری بھائی اپنے کبوتروں کے ڈربے پر تال پتری چڑھا کر دو مہینے کے لیے گورکھپور چلے جاتے۔
باری بھائی امیر و کبیر آدمی نہ تھے۔ بستی سے ملحق ان کی بہت معمولی سی پان کی دکان تھی۔ یہ مسجد کا دروازہ اور یہ بائیں ہاتھ پر ان کی پانچ بائی پانچ کی د کان جس میں سگریٹ، گو ٹھکا اور چھوٹے موٹے چاکلیٹ وہ فروخت کیا کرتے تھے۔ دکا ن سے پانچ منٹ کے فاصلے پر ان کے کھولی تھی۔ دس بائی پندرہ کی۔ سولہ سال پہلے اس کھولی کی دیواروں نے ان کے اہلیہ کو دیکھا تھا جو شادی کر کے ان کے ساتھ بمبئی آئی تھی۔ حمل ٹھرنے کے بعد اس کے والدین اسے گانو لے گئے۔ ۔ ۔ لڑکے کی ولادت کی خبر آئی ، وہ مٹھائی لے کر گانو پہنچ گئے۔ بیوی کے ساتھ کچھ روز ٹھہرے ، واپسی کا جب ارادہ ظاہر کیا تو بیوی نے بمبئی کے کیچڑ میں واپس آنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے بہت اصرار کیا مگر اس کی منطق تھی۔ ۔ ۔ جو مرد سعودی عرب جاتے ہیں ان کی بیویاں تو گانو میں ہی رہ جاتی ہیں۔ آپ بھی سال میں ایک بار آیا کرو۔ باری بھائی راضی ہو گئے اور ان کی زندگی ایک سیدھے طویل راستے پر چل پٹری۔ سال میں دو مہینے گانو میں گزارتے ہوئے بھی اللہ نے انھیں چار بچوں سے نوازا۔ مگر پھر وہ کھبی اتنے خوش نہیں ہوئے جتنے پہلی اولاد کے ولادت پر ہوئے تھے۔
بہ ظاہر ان کی زندگی سادہ اور بے ارادہ تھی۔ صبح سات بجے دکان کھلتے ، موذن جب ظہر کی اذان دیتا یہ دکان بند کر کے اپنے مکان پر چلے جاتے۔ کھانا تیار کر کے کھاتے اور کچھ دیر آرام کر تے۔ شام چار بجے پھر دکان کھول کر رات گیارہ تک بوڑھوں ، نوجوانوں ، بدمعاشوں اور لفنگوں کو پان ماوا کھلاتے رہتے۔ فسادات کے دنوں میں بھی ان کا معمول یہی رہتا۔ ہاں۔ البتہ بابری مسجد کی مسماری کے بعد بھڑکے فساد کے دنوں میں جب پولس نے احتیاط کے طور پر کرفیو لگایا تھا اس روز ان کی دکان ضرور بند رہی۔ اس روز بستی کے تین لڑکے پولس کی گولیوں کے شکار ہوئے تھے ، جو اپنے گھروں کی کھڑکیوں سے یہ دیکھنے کے لے باہر جھانکے تھے کہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آخر کرفیو ہوتا کیا ہے ؟
باری بھائی کے کبوتروں نے گولی چلنے کی آواز پہلے کبھی نہ سنی تھی، سہم کر ایسے بھاگے ، کے پھر تین چار دن واپسی کے نشانات ڈھونڈتے رہ گئے۔
۳
باری بھائی مسجد میں اسی وقت داخل ہوتے جب انھیں حا جت محسوس ہوتی۔ دھندا چھوڑ کر میونسپلٹی کے سنڈاس تک جانے سے انھیں ہمیشہ چڑ تھی، اس کی بو سے بھی انھیں بے حد نفرت تھی۔ مسجد کے بیت الخلاء کی ایک چابی ان کے پاس برسوں سے تھی۔
مسجد کے امام، ٹرسٹیان اور ممبران ان کے سامنے آتے جاتے رہے ہیں مگر چابی کا اختیار ان کے پاس ہی رہا ہے۔ مسجد سے جڑے ہوئے تمام افراد ان کی بے پناہ عزت کرتے ہیں۔ کیا یہ عجیب شخص نہیں لگتا۔ ۔ ۔ آخر کیوں لوگ اس آدمی کے اس قدر گرویدہ ہیں۔
۴
جعفر کی عمر چھ سال تھی، جب اس کے دادی نے باری بھائی کو کھولی ۳ ہزار روپیوں میں بیچی تھی۔ ۔ تب سے جعفر باری بھائی کو دیکھتا آیا ہے مگر اس کی سمجھ میں یہ بات نہیں آئی کہ آخر ماجرا کیا ہے ؟ شاید اسی سبب ، اکثر باری بھائی کو عقیدت مندانہ نگاہوں سے دیکھتے ہوئے ، وہ خود سے کئی سوالات پوچھا کرتا۔ ایک روز جمعہ کی نماز کی اذان ہوتے ہی جب باری بھائی دکان بند کر کے اپنی کھولی پر لوٹے تو جعفر ان سے ملاقات کے لئے چل پڑا۔ ۔ ۔ جعفر کو دروازے کی دہلیز پر کھڑا دیکھا تو انہوں نے آواز دی۔
ارے جعفر وہاں کیوں کھڑے ہو؟
جعفر کمرے میں داخل ہوا۔
کیا بات ہے ؟
باری چاچا میرے کو کچھ جاننے کا ہے ؟
بول کیا جاننے کا ہے !
باری چا چا۔ ۔ ۔
ہاں بول۔ ۔
میں سوچتا ہوں سارے لوگ تمہاری اتی اجت کیوں کرتے ہیں ؟
ارے اجت بجت تو اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
مگر آپ تو نماج بھی نہیں پڑتے۔ ۔
نماج نہیں پڑتا تو کیا ہوا؟
جو نماج نہیں پڑتے اللہ تو ان کے ساتھ نہیں رہتا نہ۔ ۔
باری نے پیار بھری نگاہوں سے جعفر کی آنکھوں میں مرتے ہوئے بچپن کو دیکھنا چاہا، جعفر نے نظریں ملاتے ہوئے اپنی بات پوری کی۔
۔ ۔ تو پھر اللہ آپ کو اجت کیوں دے گا؟
باری بھائی کو لگا کے جعفر اب بچپن کی کیچلی اتارنے کے در پے ہے ، وہ مسکرائے۔ ۔ ۔ اور پھر خلاء میں کچھ دیر جانے کون تھا جسے وہ تلاش کرتے رہے۔ تکبیر کانوں پر پڑی تب سنبھلے اور مسکراتے ہوئے کہا۔ اچھا دن ہے ، آج دیکھ لے۔ ۔ ۔ بس دیکھتے رہنا۔
۵
نماز جمعہ ختم ہوئی، جعفر نے باری کے ساتھ بیٹھ کر چائے پی، پھر انہوں نے کھانا وانا بنایا۔ کچھ دیر بعد دروازے پر موذن رمضان کی آواز آئی۔ ۔ باری بھائی۔ ارے وہ باری بھائی۔ ۔ ۔ چلئے میٹنگ کا ٹائم ہو گیا۔
ٹھیک ہے۔ ۔ ۔ بھئی پر، اندر تو آؤ۔
ٹائم ہو گیا ہے ، دو جن کو اور بولنا ہے۔
اچھا بھئی۔ ۔ چل میں پہنچ رہا ہوں۔
رمضان گلی کی بھول بھولیوں میں کھو گیا۔ (جہاں سن بلوغت سے پہلے ہی لڑکے لڑکیوں کی دوشیزگی کب کس موڑ پر کہاں کھو جاتی ہے ، ایک معمہ ہے۔ جسے پھر ساری زندگی۔ ۔ ۔ کھوجنے والا بھی چاہے تو کھوج نہیں سکتا۔ )
باری بھائی نے لنگی کو دوبارہ ٹھیک کیا، شرٹ جھٹکا اور جعفر کے ساتھ مسجد کی جانب چل پڑے۔
مسجد میں منبر سے لگ کر امام قادر علی سید بیٹھے تھے۔ ان کی بغل میں چیرمین زاہد عمران شیخ ، پاس ہی خزانچی داؤد ، سیکریٹری حمید صدیقی ، چار ممبران اور دکاندار (جن کی دکانیں مسجد کی دیوار سے ملحق ہیں۔ )بیٹھے تھے۔ امام نے تلاوت کی ، میٹنگ شروع ہوئی۔ خزانچی نے گزشتہ تین جمعہ میں ملے چندے کی رقم بتائی، دکانداروں سے حصول کے گئے کرایے اور دیگر امداد کی تفصیل بیان کی۔ کچھ اور کام کی باتیں ہوئی ہوں گی پھر باری نے سوال کیا۔
زاہد۔ ۔ ۔ رمضان کی پگار کب بڑھائیں گے ؟
زاہد نے باری کی اور دیکھا اور کہا۔ ارے باری بھائی پچھلی میٹنگ میں تو بولا تھا۔ ۔ ۔ کچھ جادہ بچتا نہیں ہے۔ آگے دیکھیں گے۔
باری نے مڑ کر رمضان کو دیکھا۔ اس کی آنکھوں میں ایک جذبہ تھا جسے پڑھنے کی لیاقت شاید باری میں سب سے زیادہ تھی۔ باری نے امام سے مخاطب ہو کر کہا۔ امام صاحب، تین میٹنگ سے میں سپیچ سن رہا ہوں۔ بولو آپ کیا بولتے ہو؟امام نے دھیمی آواز میں کہا۔ آپ با شعور حضرات کی موجودگی میں ، میں کیا کہوں ! آپ حالات سے واقف ہیں۔
باری کو امام کا جواب بڑا غیر متوقع لگا ہو گا۔ (اور کیوں نہ لگے آٹھ سال پہلے جب پچھلا امام جمیل انصاری محلے کے ایک غریب سبزی فروش خورشید الاسلام کی بیٹی کو۔ ۔ ۔ گیارہویں سال میں ہی بڑی بنا کر، دم دبا کر بھاگ گیا تھا۔ تب ایک گارمینٹ میں ملازمت کرنے والے اس حافظ قرآن کو ، باری ہی وہاں سے اٹھا کر لے آئے تھے۔ ) تین سال بعد سابقہ چیرمین سے درخواست کر کے اس کی تنخواہ میں اضافہ کروایا تھا۔ آج وہی امام برسوں سے ۹۰۰ روپیوں میں کام کرنے والے موذن کی تنخواہ میں اضافے کے لیے سفارش تک نہیں کر رہا ہے۔
باری نے رمضان کی آنکھوں میں اٹکے ہوئے پیغام کو پڑھ لیا تھا۔ امام کی اور دیکھتے ہوئے سیکریٹری سے مخاطب ہو کر کہا۔ حمید، تیرے کو تو مالوم ہے۔ رمزان کی اورت کو ابی ابی ایک بچی بھی ہوئی ہے۔ وہ بیمار رہتی ہے اور گھر بھی بھاڑے کا ہے۔ ۳۰۰ روپئے تو اس میچ جاتے ہیں۔
رمضان کی آنکھوں میں جو پیغام تھا وہ تحلیل ہو گیا اور جعفر کے دیدوں میں ایک نیا تجسس جاگ گیا۔
حمید نے امام سے نظریں ملائیں اور کہا۔ باری بھائی بات سچی ہے ، پن مسجد کے رسورسس۔ ۔ ۔ کم ہیں نا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
۱رسورسس کم ہیں۔ ۔ ۔ ۔ کو دہراتے ہوئے باری نے ذرا ترش لہجے میں کہا۔ حمید کس کو سیکھتا ہے ؟
میٹنگ میں ایک طرح کی سنجیدگی در آئی۔ درحقیقت باری کو معلوم تھا ہر سال ماہ مبارک میں عرب ممالک کی کانسلٹ سے ایک موٹی رقم ، کھجور کے پیکٹس اور قرآن کی بے شمار کاپیاں دین کے فروغ کے لیے ڈایرکٹ حمید کے ہی گھر اتاری جاتی ہیں۔ کھجور ان کے رشتے داروں میں تقسیم ہو جاتا ہے ، قرآن کی کچھ جلدیں محلے میں با نٹ دینے کے بعد باقی محمد علی روڈ کے ایک کتب فروش کو بیچ دی جاتی ہیں۔ اب رہی بات روپیوں کی تو۔ ۔ ۔ اس کا بڑا حصہ حمید کے ذاتی کاروبار میں لگ چکا ہے ، ایک تہائی چیرمین کو ملتے ہیں اور چند ہزار امام کو۔ ۔ کیونکہ وہی عربی زبان میں کاونسل جنرل کو مسلمانوں کی دینی و دنیاوی پسماندگی کا احوال سناتے ہیں۔ حمید کے بھائی سلیمان کا کیبل نیٹ ورک بھی اسی رقم سے کھڑا ہوا ہے اور اس کی چچازاد بہن کے چار بیوٹیشن گالے بھی اسی سے خریدے گئے ہیں۔ حتی کے حمید کے گانو میں بنائے گئے عالیشان بنگلے کی اینٹوں میں بھی ریگستان کے اونٹ کے پیشاب اور پٹرول کی بو سونگھی جا سکتی ہے۔
خاموشی نے مسجد کی دیواروں اور کھڑکیوں پر مایوسی کا سماں طاری کر دیا تھا۔ امام، داڑھی میں انگلیاں ڈالے زاہد کو دیکھ رہے تھے جو گزشتہ سال حج کر آئے ہیں۔ چھ سال پہلے ان کا اندھیری ریلوے اسٹیشن کے باہر جامع مسجد کی گلی میں سوشل کلب تھا جس میں چوبیس گھنٹے رمی اور پھلس چلتا تھا۔ وہاں سے خوب روپیہ کما کر اس بستی سے پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر بنی عمارت میں بیس لاکھ روپیوں کا فلیٹ خریدا ہے۔ دو برسوں سے مسجد کے چیرمین بن بیٹھے ہیں۔ پھر یوں ہوا کہ تبلیغ میں چلہ لگا آئے ، گنا ہوں سے توبہ کر لی، کلب بند کر دیا اور امپورٹ اکسپورٹ کا کاروبار شروع کیا۔ مگر حج انہوں نے اپنے دوست حمید صدیقی کی طرف سے دئے گئے ٹکٹ پر ہی کیا تھا۔ حج سے آنے کے بعد اپنی بیٹی کا رشتہ حمید کے دو نمبر بیٹے سے کر دیا جس کا زری کا کارخانہ تھا جس میں نو سال سے پندرہ سال تک کی عمر کے غریب بچے سولہ گھنٹے انتہائی معمولی اجرت پر آنکھوں کا نور بیچتے ہیں۔
باری کے دماغ کی ا سکرین پر سارے واقعات پل بھر میں روشنی کی سی تیزی سے پھیلے اور سمٹ گئے۔ اس نے زاہد سے نظریں ملاتے ہوئے کہا۔ زاہد بھائی، آپ کیا بولتے ہو ؟
زاہد باری کے سامنے کچھ بولنے کی مجال نہیں کر سکتا۔ ان کی جس بیٹی کی منگنی حمید کے بیٹے کے ساتھ ہوئی ہے ، پچھلی عید کی چاند رات کو اسے باری نے ہی جوہو کے ساحل سے ڈھونڈ کر، گھر واپس لایا تھا۔ سب کو ایسا لگا تھا کہ عید کی شوپنگ کے لیے وہ بازار میں گئی ہو گی مگر یہ بات باری کے دل میں دفن ہو کر رہ گئی کہ وہ امبولی ناکے کے شیوسینا شاکھا پرموکھ، سدھیر ڈانڈیکر کے ساتھ جوہو سمندر کے کنارے ایک طرف پتھروں کے درمیاں بیٹھ کر عید کے چاند کو اس کی آنکھوں میں کھوج رہی تھی اور وقت سمندر کی لہروں کے ساتھ دبے پاؤں بہت دور نکل گیا تھا۔ سدھیر ڈانڈیکر کے والد پرلاد ڈانڈیکر، باری کے دوست تھے۔ باری نے معاملہ رفع دفع کر دیا۔ زاہد نے نم پلکوں سے ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
زاہد نے نظریں نیچے کرتے ہوئے کہا۔ باری بھائی ، آپ کی بات کو تو ماننا ہی پڑے گا۔ بولو کتنے روپے رمزان کے پگار میں بڑھانے کے ہیں۔
سب کی نگاہیں زاہد کی اور مرکوز تھیں۔ زاہد نے رمضان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔ مھنتی آدمی ہے ، اللہ کے گھر میں پانچ ٹائم ازان دیتا ہے ، اس کے بچی کی تبیت بھی بولتے برابر نہیں ہے۔ ۔ ۔
اس پر امام نے حمید سے آنکھ ملاتے ہوئے گردن ہلا کر حامی بھری۔ حمید نے کہا۔ باری بھائی جب، زاہد بھائی کہ رہے ہیں اور اس پر آپ کی بات کا وجن بھی ہے تو ہم کیسا بھی کر کے اگلے مہینے سے۔ ۔ ۔ ۔ وہ ایک پل کو رکا۔ اور رمضان کو دیکھنے لگا۔ رمضان کی آنکھوں میں بڑی امیدوں کے چھوٹے چھوٹے جگنو تھے۔ باری کی آواز نے اس کے کانوں کی سماعت رسا رسیوں پر بازگشت کی۔ ۔ ۷۰۰ ملا کر دو ہزار کر دیں گے۔ حمید صدیقی نے گردن گھما کر زاہد کو دیکھا۔ زاہد نے حمید کے زانو پر ہاتھ مارتے ہوئے ایک اتفاقی قہقہ لگایا اور کہا۔ باری بھائی بھی نا۔ ۔ ۔ سب کی جندگی کا کھیال رکھتے ہیں۔
رمضان کے چہرے پر جو مسکراہٹ پھیلی اس میں اس کی بچی کی شفا کے امکانات کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ میٹنگ ختم ہوئی ، جعفر باری کے ساتھ گھر لوٹ رہا تھا اس وقت جعفر کی خاموشی میں جو اضافہ ہوا تھا اس کی پیمائش آساں نہ تھی۔ اس کا پیر ایک نالی میں پھنسنے ہی والا تھا مگر آج صبح ہی باری نے وہاں پر چند لادیاں لگا دی تھیں۔
اس بستی کو اس طرح کی لادیوں کی ابھی اور کتنی ضرورت ہے !
ایک سوال
ڈاکٹر محمد بشیر الدین
آخرش میں نے ہمت کر کے امام صاحب سے پوچھ ہی لیا___’’ اذان کی پر زور آوازوں کا اثر آپ کے ذہن و دماغ پر کیوں نہیں ہوتا؟‘‘
آپ اپنے کاموں میں مصروف رہتے ہیں ، ہوٹلوں میں بیٹھے رہتے ہیں ، یا پھر شہر کے مختلف چورا ہوں پر گھومتے نظر آتے ہیں۔ اذان کی آواز پر آپ کے ماتھے پر شکن تک نہیں آتی۔ آخر اس کی وجہ کیا ہے ؟
امام صاحب ایک لمحہ تک خاموشی سے میری طرف دیکھتے رہے پھر گویا ہوئے ____
’’ شاید تمہیں خبر نہیں ، گذشتہ جمعہ کو ہی میرے غائبانہ میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مجھے امام کے منصب سے معطل کر نے کی ساری ا سکیم مکمل کر لی گئی ، غلط الزامات مجھ پر عائد کیے گیے کہ میری رہائش گاہ میں دوشیزاؤں کا میلہ لگا رہتا ہے۔ تعویذ فروخت کر نے کا سلسلہ ڈھلی رات تک چلتا رہتا ہے۔ علاج و معالجہ کے پردے میں دوسروں کی بہو بیٹیوں کی عزت سے کھلواڑ کرتا رہتا ہوں۔ ‘‘
امام صاحب کی باتوں کو درمیان میں ہی کاٹتے ہوئے میں نے کہا ___
’’ جو الزامات آپ کی معطلی کے لیے عائد کیے گیے وہ کہاں تک حقیقت پر مبنی ہیں۔ اس باب میں کچھ کہنے کی چنداں ضرورت نہیں ، لیکن اس کا مطلب تو ہر گز نہیں ہو سکتا کہ آپ اس پیشے سے ہی منھ موڑ لیں۔ گو یہ سچ ہے کہ بعض شر پسند خود غرضوں نے آپ کو امامت سے سبکدوش کر وا دیا ، لیکن عبادت کے راستے سے عبد و معبود کا جو مضبوط و مستحکم رشتہ ہے اسے تو یوں ہی منقطع نہیں کیا جا سکتا۔ ‘‘
تمہاری باتیں کم اہمیت کی حامل نہیں لیکن سوال یہ ہے کہ عبادت کا تعلق محض خارجی حرکات و سکنات سے ہے یا قلب و جگر سے ، صدق دل سے معبود کوساری کائنات کا خالق تسلیم کرنا ، انسان دوستی، جذبۂ حب الوطنی، قوم پرستی، تحفظِ شریعت ، کیا یہ تمام عناصر بھی عبادت کے زمرے میں شامل کیے جا سکتے ہیں ؟
میں نے انھیں ان کی پر جوش تقریریں یاد دلائیں جن میں وہ بڑے ہی فصاحت و بلاغت کے ساتھ ہمیں تلقین کرتے رہتے تھے ___اذان کی آواز سنتے ہی فوراً مسجد کی طرف چل پڑو۔ نماز بڑی نعمت ہے ، نماز دین کا ستون ہے ، نماز وسیلۂ نجات ہے۔ نماز رسول ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ مزید بر آں نماز ہلکی پھلکی ورزش کا جامع نظام ہے۔ تکبیر تحریمہ کے عمل سے بازوؤں ، گردن اور شانوں کے پٹھوں کی ورزش ہو جاتی ہے جو دل کے مریضوں کے لیے بے حد مفید ہے ، فالج کے خطرات و خدشات سے بچاتی ہے ، قیام سے گردن، پیٹ، سینہ، کمر، رانوں ، پنڈلیوں اور پاؤں کے عضلات کی ورزش ہوتی ہے ، گھٹنوں کا درد ختم ہو جاتا ہے ، اس حالت میں ریڑھ کی ہڈی کو بھی تقویت ملتی ہے۔ رکوع کے عمل سے کمر درد، حرام مغز کا درد دور ہوتا ہے ، آنکھوں کی بینائی تیز ہوتی ہے ، نظامِ ہاضمہ قوت پکڑتا ہے ، سجدے سے دل قوی ، چہرہ خوبصورت اور آنکھیں روشن و تیز ہو جاتی ہیں ، حواس خمسہ کی کار کردگی میں مزید بہتری آ جاتی ہے۔ وغیرہ وغیرہ، اور ان سے دریافت کیا کہ کیا ان تقریروں کا تعلق کچھ عمل سے بھی ہے یا قول سے ہی۔ آخر قول و فعل میں اتنا تضاد کیوں ہے ؟جو تلقین آپ دوسروں کے لیے کرنا چاہتے ہیں ، کیا خود بھی عمل کرنا آپ کا فرض نہیں ؟
انھوں نے مجھے خاموش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ___’’ دیکھو عزیزم! گفتگو کو فلسفیانہ صورت نہ دو صاف صاف لفظوں میں جو تحقیق کرنا چاہتے ہو کرو۔ ‘‘
لیکن میں خاموش نہ رہ سکا۔ بولتا ہی گیا کہ ان تقریروں کا تعلق محض اجتماعی زندگی سے ہے کیا ، اذان میں جو فلاح کی جانب اور کامیابی کی جانب آنے کی صدا دی جاتی ہے ، کیا ان کا مفہوم امامت کے عہد بر آ ہونے کے بعد بدل جاتا ہے ؟ حَیَّ عَلَی الصّلوٰۃ( آؤ نماز کی طرف)حَیَّ عَلَی الفلَاح( آؤ کامیابی کی طرف)صرف انھیں لوگں کے لیے ہے جنھیں دینی تعلیم سے واقفیت کم ہے یا پھر پوری واقفیت رکھنے والوں کے لیے بھی یہ کوئی تقاضا رکھتے ہیں۔ میں نے زور دیتے ہوئے پوچھا۔
’’ امام صاحب ! یہ لمبی داڑھی ، جبّہ و دستار والے ائمہ اور ہمارے علماء کرام جنھیں ہر طرح کی سہولتیں فراہم ہوتی ہیں۔ مثلاً اچھی آمدنی ، قیام و طعام کا عمدہ نظام، مقوی غذا کے سبب صحت بھی ماشاء اللہ۔ وقتاً فوقتاً تحفہ و تحائف وغیرہ ، اور ہم غریب و مسکین مقتدی جنھیں نہ تو کوئی وقت شکم سیر کھانا میسر ہوتا ہے نہ ہی نفیس و عمدہ لباس تا ہم فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کو دخل نہیں دیتے ، کون بہتر ہے ؟میرا مدعا یہ ہے کہ قوم کی جانب سے جو پابندی عائد کی جاتی ہے اس کے حصار میں مقید ہو کر پنج وقتہ نماز کا اہتمام کرنے والے امام اور بالکل آزاد فضا میں رہنے والے مقتدی، دونوں میں کون زیادہ لائقِ تحسین ہے ؟ جب کہ ہمارا مشاہدہ ہے کہ مقتدیوں کو فرائض کی ادائیگی میں زمانے کی پابندی کو کوئی دخل نہیں ، اپنے رب کی ربوبیت کا اعتراف کرتے ہیں اور اس کی بارگاہ میں سر بہ سجود رہتے ہیں ، لیکن یہ ہمارے مذہبی پیشوا جن پر سے پابندیاں اٹھا لی جاتی ہیں تو ادائیگیِ فرائض کا مفہوم بھی ان کی ذاتی زندگی میں بدلا ہوا نظر آتا ہے۔
’’ کیا پیشوائی کے راستے سے بحیثیت ایک فرد فرائض کی ادائیگی کا یہ مفہوم درست ہے یا....................؟
مختصر افسانے
______________م۔ ناگ
کھرنڈ
بہت بڑا مکان ہے ، قلعہ ہے قلعہ، بھرا پورا گھر ہے لڑکی اکیلی جوان ہے۔ سات بھائیوں کی اکیلی بہن، پانچ بھابھیوں کی اکیلی نند، ارد گرد نوکروں اور خادماؤں کی پلٹن، ماں پلنگ پر بیٹھے بیٹھے مٹیا گئی ، پاندان کھلا ہوا، پان کی ایک گلوری منھ کے اندر، باپ مٹی کو ہاتھ لگاتا ہے تو سونا بن جاتی ہے۔ ، پیسہ ہن کی طرح برستا ہے۔ لڑکی ہوائی قلعوں میں خیالی پلاؤ پکاتی ہے۔
گوشے پردے والی لڑکی ہے ، بیٹھی رہے گی گھر میں ، قلعے سے باہر نہیں جائے گی ، قلعے میں ہی گھومے پھرے گی، لیڈیز ٹیچر پڑھانے آئے گی ، ذرا سی چھینک آ جائے تو ڈاکٹر گھر پر دوڑا دوڑا آئے گا ، خادمائیں حکم کی منتظر، سونے کا محل، چاندی کے گھاؤ۔
لڑکی کا نام ہے بجلی، جو صرف اپنے حدود میں کڑکتی رہتی ہے۔
ایک بار بجلی کو گھٹنے کے قریب چوٹ لگی۔ شُر شُر خون بہنے لگا ، سارا گھر دوڑا آیا، کیا ہوا؟ کیسے ہوا؟ کیا کریں کیا نہ کریں ؟ فون گھنگھنا اٹھا ، فوراً ڈاکٹر آیا ، ڈاکٹر جوان تھا۔ یہ بات نوٹ کی نادرہ نے جو بجلی کی منھ چڑھی کنیز تھی۔
لڑکی کے اندر جیسے بھونچال آ گیا۔ جھکڑ چلنے لگے ، اس کے اندر کے مشین کے پرزے جو جانے کب سے بند تھے ، شروع ہو گئے ، وھیل گھومنے لگا، شافٹ چلنے لگے ، اوپر نیچے حرکت کرنے لگے ، نٹ پینچ میں گھومنے لگے ، وہ حیران تھی ، خوش بھی تھی، ڈاکٹر نے لڑکی کا پاؤں اسٹول پر رکھا، دوسرے اسٹول پر لگن رکھا تھاجس میں گنگنا پانی تھا ، پانی میں ڈاکٹر نے ڈیٹول ڈالا اور اپنی اٹیچی سے سفید کپاس کا بڑا سا پھایا نکالا۔ لڑکی کا شلوکا پاؤں پر سے اوپر کی طرف ہٹایا۔ سفید پاؤں ، سنگ مر مر سے جیسے تراشا گیا ہو، سرخ زخم لال گلاب کی طرح کھلا تھا۔ لڑکی کے گلابی ہونٹوں سے سی سی کی آوا ز نکلی، ڈاکٹر بھونچکا۔ لڑکی کا پاؤں زیادہ سفید ہے یا اس کے کپاس کا پھایا یعنی Egyption Cotton!
ڈاکٹر نے زخم دھویا اور مرہم لگا کر پٹّی باندھ دی۔
لڑکی نے آنکھوں میں کہا۔ ’’ گھاؤ اندر بھی ہے۔ ‘‘
ڈاکٹر نے چونک کر لڑکی کو دیکھا۔
ڈاکٹر کے آنے کا سلسلہ شروع تھا ، زخم بھرنے لگا، چوتھے دن زخم پر کھرنڈ جم گئی۔ نادرہ نے کہا۔ زخم اچھا ہو رہا ہے۔
لڑکی بولی : خدا کرے زخم کبھی نہ بھرے !
نادرہ چونک گئی لیکن مسکرائی۔
پھر دو دن بعد ڈاکٹر نہیں آیا۔ لڑکی ڈاکٹر کی یاد میں بے چین رہنے لگی۔
ڈاکٹر اس کے تصور میں ، خوابوں میں آتا۔
وہ کمرے کی بالکونی میں کھڑی ہوتی ، وہ وہاں آ جاتا، وہ باتھ روم میں نہا رہی ہوتی وہ آ کر اس کے بدن پر صابن ملنے لگتا۔ وہ چاند کو تک رہی ہوتی تو ڈاکٹر اسے بانہوں میں بھر لیتا ، وہ کتاب پڑھ رہی ہوتی تو ڈاکٹر اس کے لب چوم لیتا ، گویا ہر جگہ ڈاکٹر ہی ڈاکٹر۔
لیکن وہ ڈاکٹر فوراً غائب ہو جاتا، ایک ہوک سی دل میں اٹھتی۔
ڈاکٹر کے تصور میں آنے سے کیا ہوتا ہے ، خوابوں میں آنے سے کیا ہوتا ہے۔
وہ حقیقت کے اجالے میں رو برو کیوں نہیں ہوتا؟
یہ سوچ کر .......بجلی نے زخم پر آئی کھرنڈ نوچ ڈالی۔
چڑیا چڑیا دروازہ کھول
چڑیا اور کوے کی کہانی آپ نے بچپن میں کئی بار سنی ہو گی۔ بعد میں کئی بار یہ کہانی آپ کے تجربات میں بھی شامل ہوئی ہو گی۔ اس کہانی کو ایک بار پھر سنیے ، یہ کہانی کافی پرانی ہے لیکن ہمیشہ نئی لگتی ہے۔
ہاں تو........ایک تھی چڑیا اور ایک تھا کوا! چڑیا کا گھر تھا چھوٹا سا سرکاری کوارٹر، کوے کا گھر تھا بڑا سرکاری بنگلہ۔ چڑیا چھریرے بدن کی تھی اور کوا فربہ اندام تھا۔ چڑیا بس سے آفس آتی تھی ، کوا کار سے آفس جاتا تھا۔ کوا چڑیا کے ساتھ چھیڑخانی کرتا تھا ، وہ اسے ٹالتی تھی ، کوا چڑیا کو ٹیڑھی گردن کر کے ایک آنکھ سے دیکھتا ، چڑیا کو کوا ایک آنکھ نہ بھاتا۔ وہ دوسری طرف منھ پھیر لیتی، کوا تھا چالاک اور چھچھورا، وہ ہمیشہ چڑیا سے کہتا۔ ’’ چلو چڑیا، تمہیں گھر تک ڈراپ کر دوں۔ بیٹھو میری کار میں !‘‘
’’ نہیں !میں بس سے جاؤں گی۔ شکریہ!‘‘
چڑیا کادری بادری ہو کر ایک ہی جواب دیتی۔
جب کوے کی دال نہیں گلی تو اس نے سوچا۔ ’’ اب ڈائریکٹ چڑیا کے گھر ہی جانا چاہیے۔ ‘‘
فضا بنانے کے لیے کچھ دنوں تک کوے نے چڑیا سے مسلسل کہا۔ ’’میں تمہارے گھر آؤں گا۔ مجھے تم سے کچھ کہنا ہے۔ ‘‘
چڑیا نے کئی بار منع کیا۔ وہ اسے اور اس کے جیسے کوؤں کو اچھی طرح جانتی تھی ، کیوں کہ دوسری چڑیوں نے اسے بہت کچھ بتا دیا تھا۔ لیکن کوا ضدی تھا، وہ جو کچھ چاہتا اسے حاصل کر کے رہتا۔
چڑیا نے دل ہی دل میں طے کیا۔ آنے دو ایک بار کوے کو گھر، پتہ چل جائے گا۔ پھر ہمیشہ کی یہ کٹ کٹ دور ہو جائے گی!
اس نے کوے کو اتوار کی صبح بلایا۔ چڑیا کے گھر جانے کے لیے تیار کوا پہنچ گیا چڑیا کے گھر!
’’ چڑیا ، چڑیا، دروازہ کھول۔ ‘‘کوا دروازے کے باہر سے بولا۔
’’اجی سنتے ہو ، دیکھو تو کون آیا ہے ؟میں بچے کو نہلا رہی ہوں۔ ‘‘ چڑیا نے اندر سے بلند آواز میں کہا۔
’’چڑیا چڑیا......دروازہ کھول۔ ‘ کوے کو کان پڑی آواز پر یقین نہ آیا۔
’’ اجی سنتے ہو ! دیکھو دروازے پر کون ہے ؟‘‘ میں بچے کی آنکھ میں کاجل لگا رہی ہوں۔ آپ ڈنڈ بعد میں پیلئے ، پہلے دروازہ کھولیے۔ اور ہاں دروازہ کھولنے سے پہلے مارشل کو زنجیر سے باندھ کر رکھیے ، پتہ ہے نا کہ بغیر بھونکے ہی وہ ایک دم حملہ کرتا ہے۔ ‘‘
.......اب یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ کوا وہاں سے جان بچاکر بھاگا اور دوسرے دن سے چڑیا کو’’چڑیا بہن‘‘ کہہ کر مخاطب کرنے لگا۔
دھمک
سب جانتے ہیں کہ کرشن آئیں گے ، بانسری بجائیں گے ، گوپیاں تالاب میں نہا رہی ہیں ، کپڑے درختوں کی ٹہنیوں پر لٹکا دیے ہیں ، گاؤں سے دور جنگل میں تالاب ہے اور تالاب تک پہنچنے کے لیے پتلی ٹیڑھی میڑھی پگڈنڈی چلی آئی ہے ، پرندوں کے چہچہے ہیں ، پھولوں کی خوشبو ہے ، تالاب پر درختوں کا گھیرا ہے ، درختوں کے پیچھے پہاڑوں کا ڈیرا ہے۔
تمام گوپیاں نہا رہی ہیں لیکن ایک گوپی تالاب کے کنارے کھڑی ہے۔ سہیلیاں اس سے منوتی کرتی ہیں۔ ’’ آ جا .....اتر جا، دیکھ پانی کتنا شیتل ہے ، نہا لے ہمارے ساتھ، کتنا مزہ آ رہا ہے ، کیا تیرا دل نہیں مچل رہا ہے۔ ‘‘
کرشن مکھن چرا رہے ہوں گے ، ہو سکتا ہے گھنے درختوں پیچھے چھپے ہوں اور گوپیوں کو انتظار کروا رہے ہوں ، ساری گوپیاں کپڑے اتار کر تالاب میں چھلانگ لگا چکی ہیں ، پانی میں جیسے آگ لگی ہے۔ مکھن بدن پگھل رہے ہیں ، جل رہے ہیں۔
کب آتے ہیں کرشن کنہیا۔ ۔ کب گھاگھرا چولی چھپاتے ہیں ، کب بانسری بجاتے ہیں۔
گوپیاں نہا رہی ہیں۔ ایک دوسرے پر چھپاک چھپاک پانی اڑا رہی ہیں کہ اٹکھیلیاں کر رہی ہیں ، پر سکون پانی میں جیسے تلاطم آ گیا ہے۔
ایک گوپی تالاب کے کنارے کھڑی ہے۔
ایک گوپی جو اس کی خاص سہیلی ہے اس سے اصرار کرتی ہے ، دیکھ میں تیرے سے بات نہیں کروں گی۔ ‘‘
لیکن گوپی ہے کہ ٹس سے مس نہیں ہوتی ، وہ بہانوں پر اتر آئی ہے۔
’’میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے ، مجھے زکام ہے۔ ‘‘
تبھی سناٹا بج اٹھتا ہے۔ پگڈنڈی پر کسی کے آتے ہوئے قدموں کی دھمک ہوتی ہے۔ سناٹا تھرتھراتا ہے ، قدموں کی دھمک چاپ میں بدل جاتی ہے اور....’’اوئی میا !‘‘کی آواز کے ساتھ گوپی پانی میں کود جاتی ہے۔
لکڑ بگھا
کسی گاؤں کی بات ہے۔ بکریاں ندی میں نہا رہی تھیں کہ تبھی ایک لکڑبگھا جیپ کار میں بیٹھ کر آیا۔ دہشت کی دھول اڑاتا ، خوف سے چھکے چھڑاتا ، وہ آیا اور رادھا نام کی بکری کو جیپ کار میں بٹھا کر لے گیا۔ نہانے والی بکریوں کو چیخنے تک کا ہوش نہ رہا۔ جب جیپ کار دور چلی گئی تب کہیں انھوں نے چیخنا شروع کیا۔ مگر اب کیا ہو سکتا تھا۔ وہ ہوتا جو لکڑبگھا چاہتا.......
رادھا کا ایک شوہر بھی تھا۔ جب اسے پتہ چلا تو وہ روتا بلکتا تھانے پہنچا اسے تعجب ہوا جب اس نے دیکھا وہی لکڑبگھا براجمان تھا۔ لکڑبگھا نے دیکھا کہ رادھا کا شوہر گرتا پڑتا چلا آ رہا ہے تو اک زہر خند اس کے لبوں پر آئی۔ تب تک شوہر اس کے قدموں میں گر چکا تھا اور ہاتھ پاؤں جوڑنے لگا تھا۔ لکڑبگھا ذرا پسیجا ، اور اسے بند اندھیری کوٹھری میں لے گیا۔ کانے کونے میں رادھا اکڑوں بیٹھی تھی۔ ننگ دھڑنگ، اتنی زیادہ ننگ دھڑنگ کہ شوہر ساکت سا رہ گیا کہ کیا رادھا کو اتنی حد تک بھی ننگا کیا جا سکا ہے ؟‘‘
’’مائی باپ ! اسے میرے حوالے کر دیجیے۔ یہ میر ی بیوی ہے۔ اس کے بچوں سے میری نسل چلنی ہے۔ ‘‘ رادھا کا شوہر ممایا۔
نسل! بکری کی نسل! تھو اسے تو میں کھاؤں گا ، بیکیڈ کر کے ٹوماٹو سوس کے ساتھ۔ ‘‘ لکڑبگھا ہنسا اور ہنستا ہی چلا گیا۔
’’نہیں مائی باپ رحم رحم‘‘ رادھا کا شوہر گھگھیایا۔
’’ مگر اس کا تو اک ہاتھ نہیں ہے۔ دیکھو داہنا ہاتھ، وہ میں نے کھا لیا، دیکھو یہ تو اب معذور ہے۔ ‘‘
......اور شوہر نے دیکھا کہ سچ مچ ایک ہاتھ غائب ہے۔ وہ دھک سے رہ گیا۔
’’نسل! نسل تو ہم لوگوں کی چلتی ہے۔ ‘‘ لکڑبگھا ہنسا۔ ’’ تمہاری رادھا تو ٹیبل برڈ ہے کھانے کی چیز۔ ‘‘ بولو۔
لکڑبگھا کے منھ میں خون بھرا تھا۔ رادھا رونے کے آگے کی حالت میں تھی۔ پھر بھی شوہر کو غصہ نہ آیا۔ نہ لکڑبگھے پر نہ اپنے آپ پر، آتا تو بھلا کیا کرتا ...........وہی کرتا جو لکڑبگھا چاہتا اس نے سوچا اندر کا ہر ظلم معاف ہے ، الٹے اہلیہ پر ستم ٹوٹیں گے اور اسے شراپ دیا جائے گا اور وہ پتھر کی بن جائے گی۔ بے جان پتھر کی شیلا!’’ سرکار !‘‘ وہ بلبلایا۔
تب لکڑبگھا کوٹھری میں گیا اور رادھا کا دوسرا سلامت ہاتھ دیکھتے ہی چبا گیا۔
’’ دیا کیجئے ، رحم کیجئے سرکار!‘‘ شوہر گھگھیایا۔ ’’ میری بیوی مجھے لوٹا دیجئے ، میں دعائیں دوں گا۔ میں بھول جاؤں گا کہ آپ نے اسے یہاں لایا اور وہ رو رہی ہے۔ میں بھول جاؤں گا کہ اس کے دو ہاتھ نہیں ہیں ، میں سب کچھ بھول جاؤں گا۔ بھولنا میرے لیے کبھی مشکل نہیں رہا سرکار۔ میں ساری تاریخ سارا جغرافیہ بھول جاؤں گا۔ ‘‘
’’مگر اب تو یہ ناکارہ ہو گئی ، نہ تجھے روٹی پکا کر کھلا سکتی ہے اور نہ تیرے بچے کو کھلا سکتی ہے۔ ‘‘ وہ ہنسا اور ہنستا ہی چلا گیا۔
پھر وہ رادھا پر جھپٹا اسے بغل سے پکڑا اور اس کی ٹانگ پر اپنے نکیلے دانت گڑا دیے اور دوسری ٹانگ کو بغل میں لے کر چیر ڈالا۔
رادھا کا شوہر کھڑے سے تھرا گیا اور اسے لگا کہ ساری دنیا گھوم رہی ہے مگر وہ نہیں گھو م رہا!
٭٭٭
بڑے اطمینان سے لکڑبگھا کھاتا رہا۔ رادھا کو بیکیڈ کر کے ، ٹوماٹو سوس کے ساتھ....
’’ کبھی اس طرح بھی سوچا تھا تم نے اپنی بیوی کا استعمال۔ ‘‘
رادھا کا شوہر بلبلایا، ذبح ہوتے بکرے کی طرح۔ اس کے کنٹھ میں درد کا ہارمونیم بجا۔ وہ جانتا تھا کہ اس سرکار سے بڑی کوئی سرکار نہیں۔
....ہاں مائی باپ مجھے دے دیجیے ایسے ہی میری بیوی۔ میں اسے کندھوں پر بٹھا لوں گا اور یہاں وہاں گھومتا پھروں گا۔ کہ لوگ دیکھیں کہ اس طرح کی بھی بیوی ہوتی ہے کہ لوگ دیکھیں کہ ا س طرح کی بھی معذوریت حد ناپتی ہے ، کہ لوگ دیکھیں کہ اس طرح بھی بے شرم زندگی زندہ در گور ہوتی ہے ، کہ لوگ دیکھیں ........‘‘
’’ لوگ کیا دیکھیں ، دیکھوں گا اور دیکھو گے تم۔ لکڑبگھا چیخا۔ ’’ تم احسان مانو میرا کہ میں تمہیں روزی روٹی کا ایک ذریعہ دے رہا ہوں ، تم اپنی بیوی کی نمائش کرنا اور لوگ تمہیں پیسے دیں گے۔ ‘‘
’’ سرکار.....‘‘ وہ چلایا۔
’’....اور سنو کان کھول کراور جس چیز سے بھی تم سن سکتے ہواسے بھی کھول دو۔ اب میں تمہاری بیوی کے ساتھ سمبھوگ کروں گا اور تم گواہ رہنا کہ یہ ہوش میں تھی اور سب کچھ اس کی مرضی سے ہو رہا ہے ، اور تم گواہ رہنا کہ یہ سب تمہاری مرضی سے بھی ہو رہا ہے ، اور تم گواہ رہنا کہ میں تو ایک نیک چلن لکڑبگھا ہوں۔ ‘‘ رادھا کا شوہر لرزا، لرزتا گیا۔ جیسے لقوہ مار گیا ہو۔ لکڑبگھا رادھا پر جھپکا......
رادھا کے شوہر نے ٹیبل پر پڑی پیپر ویٹ اٹھائی۔ لکڑبگھے کے سر پیپر ویٹ مارنے ہی چلا تھا کہ ہاتھ شل ہو گئے۔ اور پولیس تھانے میں الٹی لٹکی ہوئی ، ابابیلیں پھڑپھڑا کر رہ گئیں۔
سڑک پر پریشان لڑکی
لڑکی کو اپنے حسن سے گھائل کرنا نہیں آتا اس لیے وہ پریشان ہے۔ لڑکی کو اپنی نظروں کے کٹارے چلانے نہیں آتے اس لیے وہ پریشان ہے۔
لڑکی کو فریب کا جال بننا نہیں آتا ، اس لیے وہ پریشان ہے۔ باپ ہارٹ اٹیک سے مر گیا ، بھائی مردہ زندگی کے لیے آبِ حیات تلاش کرنے گلف گیا ہے۔ اب لڑکی کا کوئی نہیں صرف ایک ماں ہے جو روز من بھر کا پتھر کلیجے پر رکھ کر اسے سڑک پر بھیجتی ہے ، جہاں وہ کسی آشرم میں جا کر کچھ لکھا پڑھی کا کام کرتی ہے۔ اس نے سڑک کی زندگی بھی دیکھی نہیں کبھی جانی نہیں ، سڑک روز اپنی منزل بدلتی رہتی ہے ، سڑک کہیں ایک جگہ نہیں لے جاتی ، ہمیشہ الگ الگ سمتوں میں لے جانے والی سڑک واپس بھی آتی ہے تو وہاں نہیں جہاں سے چلی تھی .........ایک برقعہ ہے جو لڑکی کے گھر پر اس کے معاشرے پر، پڑا ہے۔ اس نے سڑک کی دھوپ کو بدن پر سہا نہیں ہے ، اس نے بیل ، بھیڑیے ، چیتے ، بھا لو، لنگور جانے نہیں ہیں۔ وہ ایک لڑکی ہے وہ فقط ایک لڑکی ہے اور اس گھناؤنے جنگل میں چھوڑ دی گئی ہے۔ جہاں آدم خور وحشیوں کا ڈیرا ہے۔ لڑکی کے Behaviourمیں اجنبیت ہے۔ وہ لومڑی ہے نہ بلی، وہ نہ چھچھوندر ہے نہ گلہری، وہ نہ شیرنی ہے اور نہ کتیا!وہ کچھ نہیں وہ لڑکی ہے وہ محض ایک لڑکی ہے۔
لڑکی سڑک پر چلنے والی اور دوسری لڑکیوں کو دیکھ کر ان کے انداز، ان کی چال ڈھال، ان کے رنگ ڈھنگ سے چلنے لگتی ہے۔ مگر ٹوٹلی وہ نو سکھیا ہے۔ وہ جیسے پل صراط پر چل رہی ہے ، دہکتے انگاروں میں اب گری کہ تب گری!
بھیانک آوازیں لڑکی کا تعاقب کر رہی ہیں۔
چلتے چلتے گل موہر کا پیڑ آتا ہے۔ وہاں جانے کہاں سے اندھیروں نے ڈیرا جما رکھا ہے۔ لڑکی کے پہنچتے پہنچتے اندھیرے ایک آکار لینے لگتے ہیں۔ ان کے ہاتھ پاؤں ہلنے لگتے ہیں ان کی آنکھیں چمکنے لگتی ہیں۔ ان کے جبڑے وا ہونے لگتے ہیں۔ وہ گھنے جنگل میں پھنس گئی ہے اور اس کی ماں من بھر کا پتھر کلیجے پر رکھ کر اس کا انتظار کر رہی ہے۔
لڑکی آخری بار ، اپنی پہچان بنانے کی کوشش کرتی ہے ، مگر گل موہر تک پہنچتے پہنچتے وہ بے دم ہو جاتی ہے اور جیسے ہی وہ پیڑ کے نیچے پہنچتی ہے اندھیرے اسے صحیح سالم نگل لیتے ہیں۔
لومڑ، لکڑبگھے ، ، شیر ، بھالو اور چیتے سب مل کر گیت گاتے ہیں۔ سارا جنگل گونجنے لگتا ہے تب آتا ہے اس پریشان لڑکی کا بھائی ، ہری چوڑیاں لے کر، آبِ حیات لے کر ، بھائی نے بھر پور داڑھی اگائی ہے۔ وہ پہلے کلین شیو تھا مگر اب اس نے داڑھی کو بھر پور اگنے دیا ہے۔
٭
’’ اٹھ بہنا! دیکھ میں لایا ہوں آبِ حیات۔ میں نے کہا تھا نا بھیانک آوازیں تیرا تعاقب کریں گی مگر تو پیچھے مت دیکھنا ! ورنہ پتھر کی بن جائے گی۔ لیکن تو نے پلٹ کر دیکھ لیا۔ پیچھے مڑ کر سبھی دیکھ لیتے ہیں۔ وہ آوازیں ہی اتنی ڈراؤنی ہیں۔ اٹھ بہنا!دیکھ میں لایا ہوں آبِ حیات!‘‘
لڑکی اک ذرا کسمساتی ہے ، بند آنکھیں کھولتی ہے ، داڑھی بھرا چہرہ دیکھتی ہے۔
’’ باپ رے ! شیر ببر!‘‘
........بھائی آبِ حیات چھڑک رہا ہے مگر ’’ پتھر لڑکی‘‘ نہیں جاگتی۔
***
تبصرے و تجزیے
ادبی روایت کا امین شاعر ۔ بسملؔ اعظمی
ابرار احمد اعظمی
آج کل جدید شاعری اور نئی شاعری کی محفل میں طرح طرح کی بولیاں سنائی دے رہی ہیں۔ کہیں میرؔ سے داغؔ تک کی پوری شاعری کو یک لخت رد کیا جا رہا ہے اور کہیں شاعری کی پوری روایت کو جاگیر داری اور دربار داری کی یاد گار کہہ کر ٹھکرانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، کہیں غالبؔ جیسے بڑے شاعرسے بڑھ کر ابلاغ تلاش کیا جا رہا ہے۔ لیکن شاید یہ سب باتیں شدید ذہنی بحران کا نتیجہ ہیں۔ خدا کا بڑا شکر و احسان ہے کہ اس ذہنی بحران کے دور میں بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جنھوں نے اپنے وجود میں فن کی شمعیں جلا رکھی ہیں۔ بسمل اعظمی کا شمار بھی انھیں لوگوں میں ہوتا ہے۔ جو اپنے وجود میں روشن فن کی شمعوں کی روشنی میں ماضی کو بھی دیکھتے ہیں اور مستقبل کو بھی، وہ روایت سے اپنا رشتہ بر قرار رکھتے ہوئے روایت کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ’’ گذرگاہِ خیال‘‘ روایت کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے کی ایک ایسی ہی کوشش ہے۔
در اصل ہر فنکار اور ادیب اپنے مخصوص دور کی پیدا وار ہوتا ہے اور وہ ایک خاص نظام اور خاص اجتماعی حیثیت میں پرورش پاتا ہے۔ وہ اپنے دور کی سماجی، سیاسی، اور معاشی زندگی سے اثر قبول کرتا ہے۔ چوں کہ سماج کے عام لوگوں کے مقابلے وہ زیادہ حساس طبیعت ہوتا ہے۔ اس لیے سماج میں وقوع پذیر ہونے والے واقعات و حادثات کا اثر اس پر گہرا ہوتا ہے اور وہ اپنے تاثرات کا اظہار انھیں کی روشنی میں کرتا ہے۔ اس عمل میں اس کی علمی قابلیت ، قوتِ مشاہدہ، تخئیل، ذہانت اور فطانت مدد پہنچاتی ہے۔ علاوہ ازیں گرد و پیش کا ماحول، خاندان، تخلیق کار کی نجی زندگی اور جن حالات میں اس کی ذہنی نشو و نما ، پرورش و پرداخت ہوئی ہے ان سب کا اثر اس کی شخصیت اور تخلیق پر ہونا فطری ہے۔ اسی طرح خاندانی وراثت ، دوست و احباب اور گھریلو زندگی بھی شخصیت کو بنانے سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
جہاں تک بسملؔ اعظمی کا تعلق ہے تو ان کی شخصیت اور ذہن سازی میں ان کے مخصوص حالاتِ زندگی کا کافی دخل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی زندگی اور شاعری میں کوئی فرق نظر نہیں آتا ہے۔ بلکہ ان کی شاعری میں ان کی شخصیت کا عکس یا پرتو بخوبی دیکھا جا سکتا ہے۔
مندرجہ بالا مباحث کی روشنی میں جب ہم بسملؔ اعظمی کی غزلیہ شاعری کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں ان کی غزلوں میں ایک ارتقائی کیفیت کا احساس ہوتا ہے۔ بسملؔ اعظمی نے اگرچہ ابتداء میں روایتی طرز کی غزلیں لکھی ہیں لیکن آہستہ آہستہ ان کے فن میں رچاؤ پیدا ہوا ہے۔ انھوں نے فن کی مسلسل ریاضت کے بعد اپنا لہجہ پایا ہے جو خالص ان کا اپنا ہے جس میں کسی قسم کی ملاوٹ نہیں ہے۔ ان کی غزلوں کی سب سے بڑی خوبی ان کا وہ دلکش اندازِ بیان اور پیرایۂ اظہار ہے جس کی تازگی و نغمگی ہمیں اپنی طرف کھینچ لیتی ہے۔
بسملؔ اعظمی کی غزلیں در حقیقت ان کے مخصوص ذاتی تجربات کی ترجمانی ہے۔ ان کی کامیاب غزلیں وہ ہیں جو غزل مسلسل شمار کی جاتی ہیں۔ بسملؔ اعظمی چوں کہ محبت کے جذبے سے سرشار نظر آتے ہیں اس لیے ان کے یہاں وصال و ہجر کے مناظر محبت کے بہتے ہوئے جذبے کا حصہ ہیں جس پر کبھی زندگی کی کڑی دھوپ پڑتی ہے کبھی یادوں کا سایہ ہوتا ہے ، یعنی ان کی غزلیہ شاعری میں اس قسم کے موضوعات ملتے ہیں جن میں زندگی کی کلفتوں اور مصائب کو بخوشی جھیلنے کا جذبہ ، نا مساعد حالات سے لڑنے کی ہمت، نا سازگار حالات اور وقت کے دوش پر زہرِ غم کھا کر بھی زندگی جینے کا حوصلہ ملتا ہے۔ ملاحظہ ہو :
اندھیری رات میں اب بھی دیے جلاتا ہوں
یہ جان کر بھی کہ میری ہوا سے ان بن ہے
انھیں سے ہم نے لگائی ہے آج پھر امید
ازل سے جن کی ہم اہلِ وفا سے ان بن ہے
جو اپنے ہاتھ میں پتھر اٹھائے پھرتے ہیں
انھیں سے مجھ کو عقیدت ہے کیا کیا جائے
ان کی عادت ہے دل دکھانے کی
میری طینت ہے مسکرانے کی
بسملؔ اعظمی کی شاعری کے اصل جوہر ہمیں ان کی نظموں میں دکھائی دیتے ہیں انھوں نے رومانی نظمیں بھی لکھیں ، اخلاقی و اصلاحی نظمیں بھی اور سیاسی نظمیں بھی۔ جس میں انھوں نے ملک میں پھیلی ہوئی سیاسی بے چینی، لیڈروں کے داؤ پیچ ان کے جھوٹے وعدے کو اپنی طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی ایک نظم ’’غریب‘‘ کے چند بند دیکھیے۔ جس میں ان کے طنزیہ انداز کی بہترین ترجمانی ہوئی ہے۔
دور تک پھیلی ہوئی دیکھ لو کٹیوں کی قطار
ہر شب و روز جہاں اٹھتی ہے بس چیخ و پکار
جن ذہنوں پہ فقط پیٹ کی روٹی ہے سوار
سوچو کس طرح سے وہ اپنا گزر کرتے ہیں
بھیک کے ٹکڑوں پہ جو عمر بسر کرتے ہیں
تلملاتے ہوئے فاقوں سے یہ بھوکے انساں
ٹھوکریں کھاتے ہیں در در کی پسارے داماں
زندگی بوجھ ہے ان پر یہ تمہارا احساں
یہ بھی ہیں بار گراں آج زمانے کے لیے
نظمِ جمہور ہے دنیا کو دکھانے لیے
بسملؔ اعظمی کا سب سے بڑا کمال یہی ہے کہ وہ اندرون ذات سمٹنے کے بجائے زندگی کی پھیلتی بڑھتی سرحدوں سے آگہی کا رشتہ رکھتے ہیں۔ عشق ان کا محبوب موضوع سہی لیکن وہ اکثر اس سے ہٹ کر زندگی کے مسائل سے آنکھیں چار کرتے ہیں جو ان کی شاعری کا مثبت اور توانا پہلو ہے۔
مختصر یہ کہ بسملؔ اعظمی کی شاعری بنیادی طور پر احساسات کی شاعری ہے۔ جس کے سوتے زندگی کے آلام و مصائب اور تلخیوں سے پھوٹتے ہیں۔ ان کے فکر و احساس کی دنیا خواہ بہت وسیع نہ ہو لیکن اپنی چھوٹی سی دنیا میں انھوں نے اردو شاعری کو جو کچھ دیا ا س کی جڑیں بہت دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔ در اصل ان کی شاعری اپنے عہد کی ترجمان بھی ہے اور اپنے ماضی کا ارتقائی نشان بھی۔ ان کی شاعری کے دو مجموعے ’’ رقصِ بسمل‘‘ اور ’’ گذر گاہِ خیال‘‘ ہمارے سامنے ہیں۔ ان میں نظمیں بھی ہیں اور غزلیں بھی۔ ان مجموعوں کے مطالعہ سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ بسملؔ اعظمی ان جدید شاعروں میں نہیں جو جدید زیادہ ہیں اور شاعر کم۔ وہ ایسے پختہ فن کار ہیں جو اپنی ادبی قدروں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ ان پر دسترس بھی رکھتے ہیں۔
*** ’’میرے ڈرامے لندن میں ‘‘
مبصر: غلام حسین حملانی
شمس الدین آغا کی تازہ ترین تصنیف ’’میرے ڈرامے لندن میں ‘‘نظر سے گذری۔ اس کتاب میں مصنف نے اپنے لکھے ہوئے دس ڈراموں کو یکجا کیا ہے جو انھوں نے لندن میں اسٹیج کیے تھے۔
شمس الدین آغا کا تعلق شہر ممبئی سے رہا ہے۔ یہ وہ شہر ہے جس کی گود میں پل کر کئی ادیب و شاعر اور فنکار پروان چڑھے ہیں۔ بالخصوص یہ شہر فلم اور ڈراموں کے اسٹیج کاسب سے بڑا مرکز رہا ہے۔ لیکن شمس الدین آغا کے ساتھ کچھ یوں ہوا ہے کہ ’’ غربت میں آ کے چمکا گمنام تھا وطن میں ‘‘ وہ فلموں اور ڈراموں کے شوقین بچپن سے ہی تھے۔ قدرت نے ان کے اس ذوق کو نوازا اور انھیں ڈرامہ نگاری کی طرف مائل کیا۔ قدرت کے عطا کردہ فن ڈرامہ نگاری کو وہ اپنے سینے میں امانت کی طرح سنبھال کر جب لندن منتقل ہوئے تو یہاں انھیں کھل کر اپنے فن کے اظہار کا موقع ملا۔ یہاں انھیں نہ صرف ڈرامہ نگاری کے لیے فرصت و فراغت کے لمحات نصیب ہوئے بلکہ انھیں اپنے ڈراموں کواسٹیج کرنے کی بھی سہولتیں میسر ہوئیں۔ لیکن یہ فراغت یہ سہولتیں بنا چیلنج کے نہیں تھیں۔ ان کے آگے کئی مشکلیں تھیں۔ نئے ماحول میں اپنے لیے جگہ پیدا کرنا، لندن شہر کی گہماگہمی، ذریعۂ معاش کے مواقع تلاش کرنا، جیسے اہم دشواریاں جو ہر نوجوان کو درپیش ہوتی ہیں ، انھیں بھی در پیش تھیں۔ مگر انھوں نے ان سب کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا اور اپنی دھن میں لگے رہے اور اپنے پسندیدہ مشغلے ڈرامہ نگاری کو ہی اپنا شعار بنا لیا۔ اس انہماک اور تگ و دو کا نتیجہ یہ نکلا کہ برطانیہ میں ان کے ذریعے اردو ڈرامے اسٹیج کرنے کی ایک خوشگوار روایت قایم ہو گئی جس کا سہرا بلا شبہ شمس الدین آغا کے ہی سر بندھتا ہے۔ جنھوں نے یکے بعد دیگرے کئی اردو ڈرامے لکھے اور انھیں اسٹیج بھی کیا۔ ان کے ڈراموں میں ’’ ٹیپو سلطان ‘‘ قابلِ ذکر ہے۔ اس ڈرامہ نگاری میں ان کی تاریخ ہند سے بے حد دلچسپی اور حب الوطنی کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
تاریخی واقعات کو ڈرامے کی صورت میں پیش کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ اس میں ڈرامہ نگار کو بیک وقت کئی ساری باتوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ ، مثلاً واقعات کے تاریخی پسِ منظر ہو بہو پیش کرنا، تاریخی کرداروں کو مکالموں کے مدھیم سے پیش کرنا ، اور اس دور کے زبان و لہجہ کا بھی خیال کرنا یہ سب وہی کر سکتا ہے جس میں تاریخی شعور و بصیرت بدرجۂ اتم موجود ہو۔
’’ٹیپو سلطان‘‘ کے علاوہ ان کے دوسرے ڈرامے بھی کافی مقبول ہوئے ہیں۔ یہ ڈرامے لندن میں بسے ہندوستانیوں اور دیگر تارکینِ وطن کے مسائل پر مرکوز موضوعاتی ڈرامے ہیں۔ جن میں ڈرامہ ’’ شرابی‘‘ قابلِ ذکر ہے۔ جو منشیات کے خلاف ایک موضوع بنا کر لکھا گیا ہے۔
آغا صاحب برطانیہ میں اچھی طرح رچ بس گئے مگر وہ خود مرکزیت کا شکار نہیں ہوئے کہ اپنے ہی مسائل میں الجھ کر دنیا و ما فیہا سے بے خبر ہو جاتے وہ ایشیائی اور خاص طور پر ہندوستانی تارکینِ وطن کے مختلف مسائل : سماجی، اقتصادی، مذہبی، تہذیبی سے برابر اپنے آپ کو با خبر رکھے رہتے ہیں یہاں تک کہ ان کے مسائل پر ان کی نظر گہری ہوتی چلی گئی جس سے ان میں سماجی بصیرت پیدا ہو گئی۔ ان کی یہی بصیرت ان کے کئی ڈراموں کی تخلیق کی محرک بنی۔ انھوں نے اپنے ڈراموں میں برطانیہ کے ماحول میں پنپتے ایشیائی طبائع و مزاج کی عکاسی میں ان کے مسائل کو کچھ ایسی مہارت سے پیش کیا کہ مسائل کا حل پیش کیے بغیر ہی ان کے ڈرامے خود ناظرین کو ان کا حل سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ ’’ فلائٹ چھوٹ گئی‘‘ ان کے مسائلی ڈراموں میں سن سے زیادہ سبق آموز اور دلچسپ ڈرامہ ہے ، جس میں انھوں نے روایات، توہم پرستی، نا آگاہی، ذہنی الجھنوں کو جو برطانیہ کی سوسائٹی کے اہم عناصر میں سے ہیں ، بڑی مہارت اور تکنیکی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے پیش کیا ہے کہ ناظرین عش عش کرنے لگتے ہیں۔ کچھ اسی نوعیت کے ان کے اور بھی ڈرامے ہیں جنھیں انھوں نے بڑی کامیابی سے لندن کے تھیٹروں میں اسٹیج کیا ہے۔ جن میں ’’ لندن کی ہوا‘‘ ’’ بالی و وڈ کے دیوانے ‘‘ اور ’’ سینٹر پر ایک دن‘‘ قابلِ ذکر ہیں۔
برطانیہ میں اردو کے چاہنے والے صرف اردو بولنے والے ہی نہیں بلکہ پنجابی، گجراتی، بنگالی، تلنگی، تامل ، مرہٹی ، کنڑی، نیپالی، اور دوسری ہندوستانی زبانیں بولنے والے بھی ہیں اور وہ اردو ڈراموں کو بڑے ذوق و شوق سے دیکھتے ہیں۔
آغا صاحب نے ان تمام ناظرین کا خیال کرتے ہوئے ڈراموں میں مکالموں کی زبان وہی رکھی جسے سب بغیر دشواری کے سمجھ لیں۔ چنانچہ ان کی اردوسہل اور سلیس ترین ہے۔ لیکن اس میں بھی لسانی ادبی اور صوتی چاشنی شامل کر نا نہیں بھولے۔ جس سے ان کے فنِ ڈرامہ نگاری میں ایک انوکھا پن جھلکتا ہے اور اس میں وہ مزاح کا پہلو بھی پیدا کرنے پر قدرت حاصل کر لیتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد ضیاء الدین احمد شکیب اس کتاب کے پیش لفظ میں لکھتے ہیں کہ ’’ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مسائلی ڈراموں میں انھوں نے اپنے برطانوی معاصرین ٹرن رے ٹی گن Terence Rattigan آرنلڈ وسکرArnold Weskarاور جان آرڈن John Ardenسے استفادہ کیا ہے۔ ‘‘ شاید یہی وجہ ہے کہ اپنے ڈراموں کو حقیقت مندانہ رنگ میں بآسانی ڈال سکے ہیں۔ اپنے معاصرین سے استفادہ حاصل کرنا بھی ایک اچھے مصنف اور خاص طور پر ڈرامہ نگار یا کسی فلم کے کہانی لکھنے والے کی ذہانت او مستعدی کا ثبوت ہے۔
اسٹیج کے لحاظ سے بھی ان کے ڈراموں میں وہ ساری تکنیکی خوبیاں ہوتی ہیں جو ایک اچھے ڈرامے کے لیے ضروری شرائط میں سے ہیں۔ آغا صاحب کے تعلق سے ایک اور مزیدار بات یہ ہے کہ وہ ایک اچھے ہدایت کار تو ہیں ہی مگر ایک اچھے اداکار بھی ہیں۔ ڈراموں میں ان کی یہ ہمہ جہت صلاحیت دیکھ کر ہمیں فلمی دنیا کے ایک با صلاحیت ایکٹر ، ڈائریکٹر اور پرو ڈیو سر ، راج کپور صاحب کی یاد بے ساختہ آتی ہے۔ اپنی ہدایت میں آغا صاحب نے کئی اداکاروں کی تربیت کی ہے جو آج اچھے ادا کار گردانے جاتے ہیں۔
شمس الدین آغا نے برطانیہ کے لندن جیسے صنعت اور کار و بار کے مصروف ترین شہر میں اردو ڈراموں کی روایت ڈال کر لوگوں کے لیے ایک اچھا تفریح کا ذریعہ بنا دیا۔ وہاں لوگ عدیم الفرصت ہونے کے باوجود ان کے ڈراموں کو بڑے شوق سے دیکھتے ہیں۔ یہ ان کے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔ جو آج بھی وہاں اردو ڈراموں کے اہم علم بردار ہیں۔ ان کے کچھ ڈرامے طبع زاد ہیں ، کئی ڈرامے کلاسیکی متن پر مبنی ہیں اور بعض ڈراموں کو انگریزی معاصر ڈرامے کو نمونہ بنا کر لکھے گئے ہیں۔ بعض انگریزی ڈراموں کو اردو میں منتقل کر کے اسٹیج کیا ہے۔ شیکسپیئر کے مشہور ڈرامے Hamletکا ڈاکٹر ہر ونش رائے بچّن کا ہندی ترجمہ کے کچھ حصوں کو شمس الدین آغا نے لندن کے نہرو سینٹر میں اسٹیج کیا ہے۔ جس میں روشنی آواز اور اداکاری کا مجموعی تاثر مسحور کن ثابت ہوا تھا۔
شمس الدین صاحب سے میرا تعارف ابھی حال ہی میں یعنی جنوری/فروری ۲۰۰۹ء میں ڈاکیارڈ روڈ ممبئی میں میرے ایک دوست وکیل، سید اسد صاحب کی آفس میں ہوا تھا۔ ۔ سید صاحب نے ہم دونوں کو ایک دوسرے سے تعارف کروایا۔ میں نے آغا صاحب کو طبیعتاً نہایت ہی ہنس مکھ ، ملنسار، تیز فہم اور بہت منکسر المزاج پایا۔ وہ بہت جلد مجھ سے گھل مل گئے۔ ان کی حاضر جوابی، قہقہے ، چٹکلے لفظوں سے کھیلنا، تھوڑی سی ملاقات میں مجھے کیا کیا ان کی باتیں اور ان کی خوش ادائیں یاد رہ گئیں لیکن مجھے تعجب تو یہ ہو رہا ہے کہ ملاقات کے دوران انھوں نے کہیں بھی یہ نہیں جتایا کہ وہ ڈرامہ نگار ہیں اور ان کے ڈرامے لندن میں اسٹیج ہوتے ہیں۔
مجھے ان کی خوبیوں کا پتہ اس وقت ہوا جب میرے دوست اور پبلشر جناب اطہر عزیز نے ان کی یہ کتاب مجھے برائے اظہارِ خیال ارسال کی۔ مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ میں ایک عظیم فنکار سے ملا بھی۔ مگر مجھے معلوم ہی نہ ہو سکا کہ میں ایک عظیم فن کار سے مل رہا ہوں۔
شمس الدین آغا صاحب کو میرا دوستانہ مشورہ ہے کہ وہ اپنے فن میں مزید انہماک پیدا کریں اور بین الاقوامی سماجیت، سیاست، اور دہشت گردی کے موضوعات پر ڈرامے لکھیں کیوں کہ لوگوں کی ذہن سازی اور ان کی رہنمائی کے لیے ڈرامے کی ہی صورت میں ممکن نظر آتی ہے۔ اب لوگوں کے پاس کتابیں پڑھنے اور تقریریں سننے کا وقت نہیں۔ ڈرامے تفریح بھی ہیں اور نصیحت بھی۔
***
وفیات
قمر رئیس عظیم ناقد اور بہترین انسان دوست تھے شوکت حیات
اردو کے منفرد ممتاز افسانہ نگار جناب شوکت حیات ( جو خود شدید علیل ہیں ) نے ادارۂ تحریرنو کو بتایا کہ اردو دنیا کے لئے یہ خبر غم کے پہاڑ کی حیثیت رکھتی ہے کہ نامور ترقی پسند ناقد جناب قمر رئیس کا(۲۹ اپریل۲۰۰۹ء کورات آٹھ بجے ) انتقال ہو گیا۔ وہ غم زدہ ہیں اور گھنٹوں ان پر سکتہ کی کیفیت طاری رہی۔
جناب شوکت حیات نے اپنے رنج و غم کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ اردو تنقید کی دنیا میں چند گنے چنے مقتدر ماہرین حیثیت رکھتے تھے جن کی تنقیدی تھیوری ٹھوس دلائل اور منطق پر مبنی ہوتی تھی۔ ان کی تنقید میں انسان دوستی ، آفاقیت، انسانی اقدار، سماج سے استحصال کے خاتمے اور روشن خیال کے عناصر پر خاصا زور ملتا تھا۔
جناب شوکت حیات نے کہا کہ پروفیسر قمر رئیس تمام موجودہ ناقدین میں اولین مرتبے کے حامل تھے۔ انھوں نے بتایا کہ قمر رئیس مرحوم نے اردو کی جدید تنقید کو نئی سمت و رفتار سے آشنا کیا۔ نئے ٹولس ایجاد کئے۔ اردو افسانے کے تجزیے کے لئے نئے طریقۂ تنقید کی داغ بیل ڈالی۔ وہ اردو افسانے کی ۱۹۷۰ء کے بعد کی نسل کے اولین افسانوں کے تعلق سے آج کے افسانوی رویے کو ’’علامتی حقیقت نگاری‘‘ سے منسوب کرتے تھے۔ پریم چند پر ان کا تحقیقی کام حرف آخر کی حیثیت رکھتا ہے۔
جناب شوکت حیات نے بتایا کہ ۱۹۷۰ء کے بعد اردو افسانوں کے بدلے ہوئے تیور اور نئی نسل کے جائزے کے سلسلے میں انھوں نے خصوصی تنقیدی کاوشیں کیں۔ سن ستّری نسل کی نہ صرف رہنمائی کی بلکہ آبیاری بھی کی۔ قمر رئیس ، گوپی چند نارنگ، مہدی جعفر ، حامدی کاشمیری، وارث علوی، شارب ردولوی، وہاب اشرفی، مغنی تبسم، نظام صدیقی، سلیمان اطہر جاوید، فضیل جعفری.............وغیرہ ایک سلسلے کی مختلف کڑیاں ہیں جن کی تنقیدی نگارشات کی قدر و قیمت ہمیشہ قائم رہے گی۔
افسانہ نگار جناب شوکت حیات نے ان کی حالیہ دستاویزی انسائیکلو پیڈیا ’’ترقی پسند ادب کے معمار ‘‘ کو اردو ادب میں اپنی نوعیت کا پہلا کارنامہ قرار دیا۔ جسے اردو ادب میں بیش بہا خزانہ کی حیثیت حاصل ہے۔ جناب شوکت حیات نے کھل کر کہا کہ ان کی ہمسری اور عصری کے دعوے دار دیگر ناقدوں کو ایسے کاموں میں پسینے چھوٹ جائیں گے۔
جناب شوکت حیات نے کہا کہ کچھ دنوں قبل جب وہ اپنے علاج کے سلسلے میں دہلی گئے تھے تو ان سے تفصیلی ملاقات ہوئی تھی۔ جناب شوکت حیات نے کہا کہ انھوں نے خاکسار کے اعزاز میں دہلی اردو اکیڈمی کی جانب سے ایک نشست کا انعقاد کیا تھا۔ اپنی صدارتی تقریر میں انھوں نے بڑے خلوص کے ساتھ یہ اعلان کیا تھا کہ ’’ گنبد کے کبوتر‘‘ کا جشن اجراء وہ خود اپنی زیر نگرانی دہلی میں کریں گے اور دہلی ہی نہیں الٰہ آباد، لکھنؤ، اور علی گڑھ میں بھی کریں گے۔ ان کی موت کو جناب شوکت حیات نے ان کا نا قابلِ تلافی ذاتی نقصان بتایا۔
جناب شوکت حیات نے کہا کہ وہ ان کے تئیں بے حد شفیق تھے۔ برابر حوصلہ افزائی فرماتے تھے۔ ان کی موت سے اردو تنقید کی دنیا میں جو خلاء پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا ناممکن ہے۔
***
کیا منٹو فحش نگار تھا ؟
احسن امام احسن
منٹو یہ نام اردو ادب کے اس مایہ ناز افسانہ نگار کا ہے جسے لوگوں نے فحش نگار کہا۔ منٹو ایک عجیب شخص کا نام ہے جو خوب پیتا ہے اور لوگوں کو اپنے افسانے کا پیاسا بناتا ہے۔ کچھ لوگ اس کے افسانوں کو چٹخارے کے ساتھ پڑھا کرتے ہیں اور کچھ لوگ افسانے کی روح میں جھانک کر دیکھنا چاہتے ہیں۔ آخر سعادت حسن منٹو میں کون سی ایسی بات ہے جو لوگ اسے فحش نگار کہتے ہیں ؟ کون سی ایسی بات منٹو نے کہہ دی جو زمانے کو بری لگی۔ سچ تو یہ ہے کہ منٹو نے زمانے کو آئینہ دکھایا اور یہ سمجھناے کی کوشش کی کے جو لوگ طوائفوں سے نفرت کرتے ہیں اسے برا بھلا کہتے ہیں انھوں نے کبھی اس کے اندر جھانک کر دیکھنے کی کوشش نہیں کی ، کبھی اس کے درد کو محسوس نہیں کیا کبھی اسے پیار نہیں دیا۔
منٹو نے جو دنیا میں دیکھا جس کا تجربہ کیا ، مشاہدہ کیا ، وہی افسانے میں لکھا۔ منٹو نے خود کہا:
’’زمانے کے جس دور سے ہم گزر رہے ہیں ، اگر آپ اس سے واقف نہیں تو میرے افسانے پڑھیے اور اگر آپ ان افسانوں کو برداشت نہیں کر سکتے تو اس کا مطلب ہے کہ زمانہ نا قابلِ برداشت ہے۔ میری تحریر میں کوئی نقص نہیں ، جس نقص کو میرے نام سے منسوب کیا جاتا ہے وہ دراصل موجودہ نظام کا ایک نقص ہے۔ ‘‘
منٹو نے زندگی کو بڑے قریب سے دیکھا اور اپنے افسانے کے ذریعے لوگوں کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ تم بھی زندگی کو قریب سے دیکھو۔ مگر لوگوں نے اس کے افسانوں کا غلط معنی نکال کر اسے فحش نگار کی ڈگری دے دی۔ وہ ہرگز ہرگز فحش نگار نہیں تھا۔ وہ تو ایک نیک انسان تھاجسے سماج کی فکر تھی جو سماج کوسدھارنے کی کوشش میں تھا جو سماج کو ایک راستہ دکھانا چاہتا تھا۔ جو عورتوں کی عزت کرتا تھا، عورتوں کے مسائل کو عوام کے سامنے لا کر کھڑا کرتا تھا۔ اور اس کی گتھی سلجھانے کا ذمہ سماج پر چھوڑتا تھا۔ منٹو نے زمانے کے نشیب و فراز دیکھے تھے اس لیے وہ تلخ لہجے کا عادی ہو گیا تھا۔ اس کی باتوں میں تلخی ہوتی تھی جو ہر کوئی پچا نہیں سکتا تھا اور جو لوگ اسے پچا نہیں سکتے اسے فحش نگار کہتے ہیں۔ منٹو ایک عظیم فنکار تھا اور فنکاری کے ذریعے اس نے دنیا کو سوچنے پر اور بحث کرنے پر مجبور کر دیا۔ چوں کہ وہ مجبور انسان تھا مگر اس نے حالات سے سمجھوتہ کرنا نہیں بلکہ لڑنا سیکھا تھا۔ وہ ضدی قسم کا آدمی تھا۔ منٹو کا دوست شراب ہے جسے وہ مرتے دم تک نہیں بھولا تھا۔ کئی لوگوں کے سخت اعتراض کے باوجود اپنے دوست کو نہیں چھوڑا۔ کہتے ہیں عورت اپنا پہلا پیار نہیں بھولتی ، اسی طرح کچھ لوگ اپنا بچپن اور کچھ لوگ نئی زندگی کی شروعات نہیں بھولتے اسی طرح کچھ لوگ جو بچپن میں دیکھتے ہیں وہ ان کے ذہن میں رچ بس جاتا ہے۔ منٹو نے جب ہوش سنبھالا تھا اس وقت امرت سر میں ۸۰۰۰ طوائفیں تھیں۔ ان کی روز مرہ کی زندگی ، دکھ، تکلیف، پیٹ کی آگ بجھانے کی کوشش میں یہ سب منٹو کے لیے افسانہ نگار بننے کا ساما ن فراہم کرایا۔ آخر کار منٹو ایک افسانہ نگار بن گیا۔ اس کے افسانوں پر وہ چھاپ موجود رہا جو بچپن میں اس نے دیکھا اور محسوس کیا تھا۔ لوگوں کا الزام ہے کہ منٹو فحش نگار تھا۔ کیا واقعی منٹو فحش نگار تھا؟ نہیں ہر گز نہیں !
چند لوگوں کی آراء دیکھیے۔ مشہور افسانہ نگار م۔ م راجندر نے لکھا ہے :
’’ہر گز نہیں۔ افسانہ نگار نہ ایک معلم ہے ، نہ رضا کار۔ وہ تو زندگی کا عکاس ہوتا ہے اور جنسیات ہم سب کی زندگی کا ایک اہم جزو ہے۔ جس پر ہم عمل پیرا ہیں اور جو ہم سب کے ذہنوں میں سمایا ہوا ایک قدرتی جذبہ ہے ، اس سے ادب میں اجتناب کیا؟ پھر افسانے میں ہم جنسی تذکرے کو تو پکڑ کر واویلا مچاتے ہیں مگر عمدہ کردار نگاری، فضا بندی، نفسیات اور افسانے میں مضمر پیغام کو نظر انداز کر جاتے ہیں۔ ۔ ‘‘
کیا حقیقت نہیں ؟
اور پھر مشہور و معروف شاعر مظفر حنفی نے تو یہاں تک کہہ دیا ’’ اگر ’ مسدس حالی‘ فحش ہے تو منٹو فحش نگار تھا۔ ‘‘
نور تقی نور نے کہا:
’’ جی نہیں۔ منٹو حقیقت نگار تھا‘‘ سچ تو یہی ہے کہ سچ میں منٹو حقیقت نگار تھا اور اس طرح کا بیان سیف الرحمن عباد نے دیا۔ ’’ وہ حقیقت نگار تھا ورنہ اسے الزامات سے بھرا زہر کا پیالہ نہ پینا پڑتا۔ ‘‘
در اصل سماج نے کبھی کبھی منٹو کے افسانوں کو دل کی آنکھوں سے نہیں پڑھا یا یوں کہیے کہ سماج کو حقیقت برداشت کرنے کی ہمت نہیں تھی۔ سید ہ شانِ معراج رقمطراز ہیں کہ :
’’وہ فحش نگار نہیں تھا بلکہ اسنے اپنی تحریروں کو المیے کی صورت میں استعمال کیا اور اس طرح اس نے معاشرے کے کھوکھلے پن کو اجاگر کر کے اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔ زندگی کی وہ حقیقتیں جو سماج میں باعثِ تکلیف تو تھیں لیکن انھیں بے نقاب کرنے کا حوصلہ نہ تھا۔ منٹو نے اس پر بہت بے باکی سے قلم اٹھایا۔ ‘‘
اس کھوکھلے سماج کو منٹو کے افسانے کا ہر لفظ فحش نظر آیا۔ مگر عشرت اللہ خاں شناور نے حقیقت کو پرکھا اور کہا۔
’’ مجھے منٹو کی کہانیوں میں کوئی لفظ فحش نظر نہیں آتا ‘‘
ہاں اگر منٹو فحش نگار ہوتا تو اسے مقدمے میں سزا ضرور ہوتی۔ اس کی کئی کہانیوں پر مقدمے چلائے گئے۔ واہی حمیدی نے لکھا :
’’ منٹو اگر فحش نگار ہوتا تو ہندوستان کی تاریک جیلوں کی دیواریں اسے نگل جاتیں۔ ‘‘
کئی مشہور فنکاروں نے منٹو کی کہانیوں اس کے فن و شخصیت پر اپنے اظہارِ خیال کیے ہیں کیا سب لوگوں نے فحش نگاری کی تائید کی ؟نہیں ہرگز نہیں ، بلکہ ان لوگوں نے ایک حقیقت نگار کے ہمت کی داد دی۔ منٹو نے خود اپنے بارے میں کہا۔ ’’ منٹو جس پر فحش نگاری کے سلسلے میں کئی مقدمے چل چکے ہیں۔ بہت طہارت پسند ہے ‘‘
در اصل منٹو کے لکھنے کا انداز ، اس کی باتیں سماج کے منھ پر ایک زور دار طمانچہ تھا۔ وہ پیتا ضرور تھا ، لیکن ہوش کی باتیں کرتا تھا۔ یہ بہت ہی افسوس کا مقام ہے کہ ایک عظیم افسانہ نگار کو وہ مقام لوگ نہیں دے رہے ہیں جس کا وہ حقدار تھا۔ چند قلم کاروں نے تو منٹو کا استعمال اپنی شہرت کے لیے کیا۔ اور اس پر فحش نگاری کا الزام لگا کر اپنے نام کو روشن کرنے کی کوشش کی۔ منٹو نے دو تین لائن کی کہانیوں میں بہت بڑی بڑی باتیں کہہ ڈالیں ہیں۔ معاشرے کی گندگی کو صاف کرنا ایک شیوہ ہے اور اس لحاظ سے وہ ایک سیوک تھا لیکن ہم نے اسے کیا مقام عطا کیا۔ منٹو کو اردو ادب کا شنکر کہنے والے ان کے قریبی دوست کرشن چندر نے لکھا:
’’ جس نے سماج کے نچلی تہوں میں گھس کر دبے ہوئے کچلے ہوئے سماج کی ٹھوکروں سے مسخ شدہ کردار تعمیر کیے کہ جو اپنی نادر مصوری اور حقیقت نگاری سے گورکی کے لوئیر ڈیپتھنر کے کرداروں کی یاد دلاتے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ ان لوگوں نے گورکی کے لیے عجائب گھر بنائے۔ مجسمے نصب کیے ، شہر تعمیر کیے اور ہم نے منٹو پر مقدمے چلائے ، اسے بھوکا مارا اسے پاگل خانے میں پہنچایا اسے ہسپتالوں میں پڑا پایا اور آخر میں اسے یہاں تک مجبور کر دیا کہ وہ کسی انسان کو نہیں شراب کی ایک بوتل کو اپنا دوست سمجھنے پر مجبور کیا۔ ‘‘
اتنے سارے لوگوں نے منٹو کے متعلق اپنی رائیں دی ہیں۔ کیا وہ غلط ہیں ؟ نہیں منٹو اس کا حقدار تھا۔ ایسے فنکار بڑی مشکل سے پیدا ہوتے ہیں۔ دنیا کے تجربہ گاہ میں منٹو نے اپنی کہانیاں سوچنے کے لیے چھوڑ دی ہیں۔ آپ اسے پڑھیں اور خود فیصلہ کریں کہ کیا منٹو فحش نگار تھا ؟
نظمیں
علقمہ شبلی
صف آرائی
ان رزم گاہِ ہستی میں
آج انا صف آر ا ہے
ہائے کیا تماشا ہے
تن گئی ہیں تلواریں
زد پہ ہیں سر و گردن
زندگی ہے مقتل میں
آرزو ہے پا بستہ
دم بہ خود ہیں علم و فن
گلشنِ تمنا کا
شعلہ گوں نظارا ہے
ظلمتوں کا ڈیرا ہے
دل کے قصر والوں میں
روشنی کے مرقد پر
تیرگی غزل خواں ہے
زد پہ ہیں سر و گردن تن گئی ہیں تلواریں
خراج مانگتی ہے
کاٹ کر وہ پہاڑسارا دن
رات سویا تھا اپنی کٹیا میں
صبح سورج نے در پہ دی دستک
آئی آہٹ کوئی نہ کوئی چاپ
چہرہ روشن تھا نورِ محنت سے
لب پہ چٹکے ہوئے شگوفے تھے
رخ پہ دو دو چراغ جلتے تھے
تھا عجب سا سکون چہرے پر
زندگی مانگتی ہے اس سے خراج
رؤف خیر
ایک نظم__وزیر آغا کے نام
(ڈاکٹر وزیر آغا کے تخلیقی شاہکاروں کے حوالے سے )
یہ کیسی رس بھری آواز ہے
شام اور سایے
یہ کیا آواز ہے __؟ آواز کی خاطر
چنا ہم نے پہاڑی راستہ
دھنک آکاش پر پھیلی ہوئی ہے
سخن سارے ہمارے دم سے قایم ہیں
پگھلتی برف
دن کا زرد کوہستان
عجب اک مسکراہٹ
نردبان__منزل بہ منزل
انوکھی اک کتھا ہم نے سنائی
مگر آدھی صدی کے بعد
یہ آواز کیا ہے ؟
ہم آنکھیں ہیں __ہماری آنکھ میں جب تک
پُتلیاں ہیں
رسیلی گھاس میں سب تتلیاں ہی تتلیاں ہیں
ہمارے بعد تم نے دیکھنا ہے
پہاڑی راستہ بے چاپ
دن کا زرد کوہستان بے آہٹ
فلک کو بے دھنک بے مسکراہٹ
بے کتھا شام اور سایے
اور گہرے __ اور گہرے
عطا عابدی
زخم کی آواز [اپنے شہید بیٹے عطاء اللہ مظفر کی یاد میں ]
کہہ دو یہ زندگی سے خوابِ حسیں سے نکلے
شاید کہ روشنی کا رستہ یہیں سے نکلے
وہ بن کے زندگی جو ہم سے بچھڑ گیا ہے
آنکھوں میں بس گیا ہے ، کتنا سنور گیا ہے
وہ جس کی یاد خوشبو، وہ جس کی یاد ہر سو
وہ کیسے اب ہمارے قلبِ حزیں سے نکلے
شاید کہ زندگی کا رستہ یہیں سے نکلے
کہہ دو یہ زندگی سے خوابِ حسیں سے نکلے
گم ہو گئیں کہاں اب وہ پھول سی ادائیں
کیا ہو گئیں چمن کی وہ خوشنما فضائیں
وہ زخم کی دوا تھا، وہ زخم کی دوا ہے
وہ کس طرح ہمارے خطّ جبیں سے نکلے
شاید کہ زندگی کا رستہ یہیں سے نکلے
کہہ دو یہ زندگی سے خوابِ حسیں سے نکلے
گھر میر ا کر کے سُونا وہ کس کے گھر گیا ہے
وہ تھا زمیں کی رونق کیوں چرخ پر گیا ہے
زیرِ زمین کیوں کر آرام سے وہ سویا
دل چاہتا ہے اٹھ کے پھر وہ زمیں سے نکلے
شاید کہ زندگی کا رستہ یہیں سے نکلے
کہہ دو یہ زندگی سے خوابِ حسیں سے نکلے
کیوں چاند کھو گیا ہے ، کیوں اتنی کالی رت ہے
آئے گا جانے والا دل منتظر بہت ہے
وہ شام دے گیا ہے آئے گا صبح لے کر
کیوں کر دلِ عطا اِس حدِّ یقیں سے نکلے
شاید کہ زندگی کا رستہ یہیں سے نکلے
کہہ دو یہ زندگی سے خوابِ حسیں سے نکلے
سلیم انصاری
زیاں
یہ کیسا زیاں ہے
کہ اب فصلِ گل میں پرندے
خود اپنے پروں کو کتر کے ہی
اپنے نشیمن بنانے پہ مجبور ہیں
سمجھوتہ
گوندھ کر جذبوں کی مٹی
درد کے پتلے
مجھے تشکیل کر نے دو
کہ اب تو
میرے جینے کی
یہی صورت بچی ہے
انتظار
پرندوں کو
شجر آواز دے کر تھک گیا ہے
نہ جانے کیوں
پرندے ،
آج بھی واپس نہیں آئے
برہنگی
تمہاری یاد کی
بوسدیہ چادر میں کئی دن سے
میں اپنی سوچ کے
شرمندہ لفظوں سے
کئی پیوند کاری کر رہا ہوں
مگر دل ہے ،
کہ اندر سے برہنہ ہو رہا ہے !
ارمان نجمی
راستے کی بات
عجب ہنسی تھی
کہ کنجِ لب سے جھلک رہی تھی
وہ آنکھ نغمہ وہ رنگ جادو
ہوا کی شوخی سے بات کرتے دراز گیسو
فضا اسی کی شگفتگی سے لہک رہی تھی
نگاہ کچھ اور دیکھتی کیا
گلاب ہونٹوں کی تمتماہٹ
رگوں میں گھل کر دمک رہی تھی
سبھی زمانے رکے ہوئے تھے
بس ایک ہستی نشہ میں ڈوبی چھلک رہی تھی
وہ اپنے ساتھی کو سر اٹھا کے
غرور سے ایسے تک رہی تھی
کہ دشت ہُو کے سبھی طلسمات سے گزر کر
جو اس نے چاہا وہ پا لیا ہو
مسرتوں کی ترنگ سے
اس کی بے صدائی کھنک رہی تھی
مری طرح سے سبھی مسافر
صعوبتوں کے مدار سے محو ہو چکے تھے
ہنسی کی موجوں میں بہہ گئے تھے !
احمد کلیم فیض پوری تلاش
وہ کوہسار کے پیچھے سے
آئے گا ایک دن
زمین کھو دے گا
ہموار مٹی کر دے گا
زمیں وہ کہ جہاں حسرتوں کی
سنگ باری!
نہ جانے کتنے زمانوں کی
دھول چھائی سی
ہمیں یقین کہ آئے گا دشت کوہ سے وہ دکھائے گا یہاں مٹّی کو ایک آئینہ
ہم اپنی کھردری
بے جان سی نگاہوں سے
طلوع صبح کی بے تاب ساعتوں میں اسے
تلاش کرتے ہیں
ہر روز ڈھونڈتے ہیں اسے !
احمد کلیم فیض پوری
توشہ
جہاں میں ہوں
اندھیرا ہے وہیں پر
اندھیرا
دوست میرا
ہمدمِ دیرینہ میرا
کبھی ٹہنی سے آ کر دھوپ
دیواروں پہ گرتی تھی
مکانوں میں پھیلی
مسکراتی تھی
مگر اک سوچ نے
منظر بدل ڈالا
یہ منظر گھپ اندھیروں کا
یہ منظر
خوف کی آندھی میں جینے کا
میں اپنی چھت پر بیٹھا
اونگھتا ہوں
سوچتا ہوں کچھ کروں میں
اجالے توڑ کر لاؤں
کہ میری نسل کو
جینے کا توشہ
چھوڑ جاؤں میں !
عقیل شاداب
شر کا ہدف
دھوپ کے
خیمے گڑے ہیں
ہر طرف
اور سورج کا دیا
جل رہا ہے
طاق میں
حاملہ ہیں
شہر کی
سڑکیں تمام
زندگی ہے
زیرِ دام
سارے چورا ہے
عبادت کر ہے ہیں
خونی جونکیں
رینگتی ہیں
زیست کے پستان پر
ولیم پائر
لٹکی ہے کمرے کے روشن دان پر
کھڑکیوں کو
چاٹتی ہیں دیمکیں
حالات کی
ڈوبتی ہے نبض
احساسات کی
ہے گھڑی شہ مات کی
بھیڑیوں کا شور
بڑھتا جا رہا ہے ہر طرف
سیل خوں ہے
کف بہ کف
کون ہے
شر کا ہدف۔
غزلیں
شان الرحمن
پھر مری جان پر بن آئی ہے اس صدی سے بھی اک لڑائی ہے
ٹوٹ جاؤ، جھکو نہیں لیکن اک یہی بات خود میں پائی ہے
وقت اب جلد ہی بتائے گا آگ کس نے یہاں لگائی ہے
زندگی کی اداسیاں لے لو بعد اس کے بہت بھلائی ہے
یہ خود بس خدا کو سونپوں گا عمر بھر کی یہی کمائی ہے
کوثر صدیقی
آگ پانی کے تنازع پہ لگی ہے شاید جلتے صحرا کے اُدھر کوئی ندی ہے شاید
پیش منظر بھی وہی ہے ، پسِ منظر بھی وہی
یہ کہانی کہیں پہلے بھی سنی ہے شاید
جلتے رہتے ہیں شب و روز اندھیروں کے چراغ
دل کے آنگن سے سحر روٹھ گئی ہے شاید
ہر طرف پھول مہکتے ہیں ، فضا مہکی ہے
پھر بھی لگتا ہے کہیں کوئی کمی ہے شاید
چونک جاتے ہیں سخن فہم بھی سُن کر مجھ کو
میرے لہجے میں کوئی بات نئی ہے شاید
سب کے ہاتھوں میں پاکیزہ صحیفے کوثرؔ پھر مرے قتل کی ہونی ہے گواہی شاید
خورشید طلب
مرے وجود میں شامل کبھی ہوا ہی نہیں
وہ ایک قطرۂ خوں ، دل کبھی ہوا ہی نہیں
جہاں تمام فرشتہ صفت تھے آدم زاد !
میں اس بہشت میں داخل کبھی ہوا ہی نہیں
تمام عمر اسی کو پڑھا اسی کو لکھا عجیب حرف تھا باطل کبھی ہوا ہی نہیں
تمہارے بعد کئی پیکرِ جمال آئے کوئی تمہارے مماثل کبھی ہوا ہی نہیں
مرا جنون مجھے ہارنے نہیں دیتا سو کوئی معرکہ مشکل کبھی ہوا ہی نہیں
چھٹا غبار دمِ ساعتِ غروب نفس میں اپنے آپ کو حاصل کبھی ہوا ہی نہیں
عجب لگا تھا مجھے جب حریف بن کے ملا
میں جس کا مدِّ مقابل کبھی ہوا ہی نہیں
طلبؔ نصیب تھا اپنا سفر مدام سفر کوئی بھی راستہ منزل کبھی ہوا ہی نہیں
خورشید طلب
یہ جنوں کے معرکے اتنے نہیں آسان بھی
سوچ لینا اس میں جا سکتی ہے تیری جان بھی
گاؤں کی پگڈنڈیاں پکّی سڑک سے کیا ملیں
تنگ گلیوں میں بدل کر رہ گئے میدان بھی
میں الگ کمرے میں رہتا ہوں الگ کمرے میں وہ
میرے ا س کے بیچ دیواریں بھی ہیں دالان بھی
خشک ہیں سارے سمندر، کٹ گئے جنگل تمام
ریت سے خالی ہوئے جاتے ہیں ریگستان بھی
روشنی بھی چاہیے تازہ ہوا کے ساتھ ساتھ
کھڑکیاں رکھتا ہوں اپنے گھر میں روشن دان بھی
پاسبانِ عقل نے تو مجھ کو سمجھایا بہت
تھا مرے پہلو میں لیکن دل سا اک نادان بھی
زندگی میں جو تمہیں خود سے زیادہ تھے عزیز
ان ملنے کیا کبھی جاتے ہو قبرستان بھی
خود کو کیسے قتل ہونے سے بچاتا میں طلبؔ
رات میرے گھر میں اک قاتل بھی تھا مہمان بھی
اطہر عزیز
ذرا یہ لب تو ملا دل کی تھاہ سے پوچھوں
قریب آ کہ تجھے میں نگاہ سے پوچھوں
سہانی شام کو کیوں سازِ غم سلگتا ہے
خلش تھمے تو کسی خیر خواہ سے پوچھوں
جو شہرِ یاس سے سورج ابھی نہیں گزرا
تو پھر یہ شور ہے کیوں سنگِ راہ سے پوچھوں
سحر کی مانگ کو کس سنگِ دل نے نوچا ہے
دہکتے لب سے کہ دستِ گناہ سے پوچھوں
تمہاری دھات سے اپنی یہ دھول کیسی ہے
نظر ملے تو کبھی مہر و ماہ سے پوچھوں
ڈاکٹر پریمی رومانی
آشیاں میں نے بنایا تھا چناروں میں کون لایا ہے مجھے ان ریگ زاروں میں
گھولتا ہے زہر وہ اب کے بہاروں میں آگ سی لگنے لگی ہے شاخساروں میں
بادلوں نے آسماں کو گھیرا ہے جب سے روشنی ہونے لگی ہے کم ستاروں میں
موسموں کا رخ بدلنے سے نہ جانے کیوں
پھول بھی چھپنے لگے ہیں آج خاروں میں
چین دل کو بھی نہیں ملتا ہے اب پریمیؔ
سوچتا ہوں رات یوں کیسے گزاروں میں
ہوئی ہے گفتگو ا ان سے خیالوں میں مجھے لایا گیا ہے یوں حوالوں میں
جوابوں کی لطافت ہے سوالوں میں بھروں خوشبو تصور میں خیالوں میں
مجھے ڈستی ہے تنہائی کی تاریکی رہا ہوں عمر بھر زہرہ جمالوں میں
سکڑجاؤں تو بن جاؤں میں اک لفظ بکھر جاؤں تو بٹ جاؤں مثالوں میں
رہے گا تیرگی سے واسطہ جس کو نہ آنکھیں کھول پائے گا اجالوں میں
طالب شملوی
حسن والوں کو پوجتا ہوں میں حسن والوں کا بھی خدا ہوں میں
آپ سے بڑھ کے پارسا ہوں میں
شیخ صاحب! یہ جانتا ہوں میں
کیوں تعجب مرے گنا ہوں پر کون کہتا ہے دیوتا ہوں میں
نازکی کا بہم خیال رہے پھول ہیں آپ پھول سا ہوں میں
زہر ہے تو کہ تو ہے آبِ حیات تجھ کو ہر طرح چاہتا ہوں میں
مل رہے ہیں قریب ہی لیکن سب کو چپ چاپ دیکھتا ہوں میں
لوگ طالبؔ ہیں کس قدر صابر بات اکثر یہ سوچتا ہوں میں
سہیل اختر
(نذر عبد الاحد ساز)
لوگ کیفے میں سارے شام زدہ تھکن آلود اور جام زدہ
یہ طلسمِ بیاں بھی ٹوٹے گا ہر کہانی ہے اختتام زدہ
ذکر ارمان و شوق کس سے کریں آج کل وہ بھی احترام زدہ
لذتِ دید سے کہاں واقف سارا عرفان ابھی مقام زدہ
وحشتِ دل کو یہ گلی ہے بہت چاند بھی تو مرا ہے بام زدہ
کتنے بے دن ہیں دفتر میں اپنی راتیں بھی ہیں تو شام زدہ
قابلیت کا ذکر مت کرنا اب تو ہم بھی ہیں صرف نام زدہ
دل لگے محفلِ طرب میں نہیں بزمِ غم بھی ہے انتظام زدہ
سہیل اختر
اسے بھی دیکھ لیں جی بھر کے اک نگاہ ابھی
یہ وہ خطا جو نہیں داخلِ گناہ ابھی
جو چل پڑیں گے تو پربت بھی راستہ دیں گے
نہ جانے کیوں ہمیں دیوار خود ہے راہ ابھی
دراڑ آئی جو رشتے میں دونوں ٹوٹ گئے
ہے عمر بھر کا تو باقی مگر نباہ ابھی
یقیں تو آئے گا پر دیر ہو چکی ہو گی
جو میرے ہونے سے تم کو ہے اشتباہ ابھی
جو دوریوں کا بھی انجام ہو گا جانتا ہوں
بچی کھچی ہے ذرا سی تو رسم و راہ ابھی
جو اب ملے بھی ہمیں گوہرِ مراد تو کیا
نہیں کوئی دلِ بے مہر میں ہی چاہ ابھی
بس ایک دل ہی تو ٹوٹا ہے کیوں کریں فریاد
کہ آگے ہونا ہے جب اس کی خاکِ راہ ابھی
نہ ہو گی عام یہاں بیعتِ یزید سہیلؔ
ہیں زندہ شہر میں ہم جیسے کج کلاہ ابھی
عادل حیات
سلیقے سے اب اپنی زندگی کر لوں وہ مالک ہے تو اس کی چاکری کر لوں
اندھیری رات گہری ہو رہی ہے جلا کر خون اپنا روشنی کر لوں
ذرا سی دیر سارے دکھ بھلا دوں میں
ذرا سی دیر خود سے دل لگی کر لوں
وہی تو شہر میں سب کا مسیحا ہے
کہو، اس سے میں کیسے دشمنی کر لوں
اکیلا پن مجھے اب بھی ستاتا ہے در و دیوار ہی سے دوستی کر لوں
برائی کرنے سے اوروں کی اچھا ہے کہ پہلے گھر میں اپنے سانتی کر لوں
مرا سایہ ہی مجھ کو اب ڈراتا ہے کسی سائے سے کیسے دوستی کر لوں
مرے بچے ہیں بھوکے پیٹ اے عادلؔ کہاں جاؤں میں کیسے خود کشی کر لوں
عادل حیات
حقیقت ہے ، طرف داری نہیں ہے مری پہچان ہشیاری نہیں ہے
گھروں کے فاصلے تو کم ہوئے ہیں مزاجوں میں ملنساری نہیں ہے
ڈھلا جاتا ہے سورج میرا لیکن سفر کی کوئی تیاری نہیں ہے
کھلی ہیں کھڑکیاں کمرے کی پھر بھی ہوا کا سلسلہ جاری نہیں ہے
گلی کوچوں میں بھی ملتی ہیں لاشیں کہاں پر جنگ اب جاری نہیں ہے
اٹھاتا ہوں جسے میں روز عادلؔ وہ پتھر ہے مگر بھاری نہیں ہے
عمران عظیم
اجداد کی دولت کے حوالے نہیں دیتے ظلمات کو ماضی کے اجالے نہیں دیتے
خوش حال گھرانوں کی یہ پہچان نہیں ہے
برکت کبھی مکڑی کے یہ جالے نہیں دیتے
پھولوں کے عوض خار ملے ہم کو ہمیشہ
پیروں میں کبھی بھائی کے چھالے نہیں دیتے
ہاں ! باپ کی دولت تو لٹاتے تھے مگر اب
محنت کی کمائی کے نوالے نہیں دیتے
کچھ بھی تو نیا پڑھنے میں آتا ہی نہیں ہے
ذہنوں کو غذائیں بھی رسالے نہیں دیتے
ہم صاحبِ اعزاز ہیں ، ہم اہلِ ہنر ہیں
بے بات کوئی شال دو شالے نہیں دیتے
دینا تھا عظیمؔ آج تو وہ پھول ہی دیتا
بھائی کبھی سوغات میں بھالے نہیں دیتے
ابرار نغمی
پا گیا آپ کی جو گردِ کفِ پا روشن
ہو گیا ور بھی کچھ چاند کا چہرہ روشن
دیکھنا یہ ہے سحر پہلے بجھاتی ہے کسے
’’ گھر میں روشن ہے دیا دل میں ہے شعلہ روشن‘‘
تہِ خاکسرِ دل کوئی شرارہ تھا نہاں
اڑ کے شعلہ جو بنا ہو گیا صحرا روشن
دیکھنا چاہتے ہو دیکھو حقیقت ہے یہ
بجھتی آنکھوں میں ہے امید کی دنیا روشن
پھر ڈھلی شام جلے پھر تری یادوں کے چراغ
قریۂ جاں میں ہوا دل کا دریچہ روشن
اس نے ہاتھوں میں رکھا ہے رخِ زیبا ایسے
جیسے کہ رحل پہ رکھا ہو صحیفہ روشن
ایک مدت ہوئی بچھڑے ہوئے اس سے نغمیؔ
دل میں اب بھی ہے مگر شمعِ تمنّا روشن
عرفان پربھنوی
گہوارہ میں شعلوں کے بچپن سے جو پلتا ہے
وہ پھول ہی گلشن کی تاریخ بدلتا ہے
معلوم نہیں اے دل، یہ ساتھ کہاں تک ہے
اک ہم ہی نہیں چلتے خود وقت بھی چلتا ہے
چہرے بھی بدلتے ہیں ، منظر بھی بدلتے ہیں
سانچے میں تغیر کے ہر آئینہ ڈھلتا ہے
تھم جاتے ہیں سب رستے آتے ہی یہاں لیکن
اک راستہ منزل سے آگے بھی نکلتا ہے
ہم تو یہی کہتے ہیں سچاہے وہی راہی
جو ٹھوکریں کھاتا ہے گرتا ہے سنبھلتا ہے
سینے میں جو شعلے ہیں وہ کس کو نظر آئیں
یہ شعر نہیں عرفاںؔ، دل میرا پگھلتا ہے
مقصود بستوی
لہو کا ہر طرف پھیلا سمندر چاہتا ہے
امیرِ شہر تو لاشوں کا بستر چاہتا ہے
مری خواہش کہ اس کو میں گلابوں سے سجا دوں
مگر وہ شخص تو ہاتھوں میں پتھر چاہتا ہے
نکلنے ہی نہیں دیتا مری کشتی بھنور سے
مجھے دل میں بسا لینا سمندر چاہتا ہے
زمانہ مجھ کو رکھتا ہے تو رکھے ٹھوکروں میں
وہ پتھر ہوں جسے ہر د ست آذر چاہتا ہے
نظر میں اس کی سب کچھ خاک ہے مٹھی برابر
یہ مال و زر یہ دنیا کب قلندر چاہتا ہے
ابھی کچھ اور بھی مقصودؔ رسوائی ہے اس کو
عجب دل ہے وہی آنگن وہی در چاہتا ہے
سکندر مرزا
اہلِ حق سچ کو ہمیشہ دلکشی لکھتے رہے
تنگ دل لیکن اسی کو خود سری لکھتے رہے
لاکھ چاہا بن نہ پایا آدمی انساں کبھی
ہم مسلسل کاغذوں پر آدمی لکھے رہے
جانے کتنی چاہتوں کے ہو گیے خالی سبو
اپنی ہو خواہش کو ہم بھی تشنگی لکھتے رہے
اس زمین و آسماں کی وسعتیں روندھی گئیں
ہم ترقی کو سدا آوارگی لکھتے رہے
احترامِ آدمیت اب وہ پہلے سا نہیں اور ہم سب اس کو عصری آگہی لکھتے رہے
ذائقہ دل نے چکھا ہے جب سے تیرے ہجر کا
تب سے مرزاؔ موت کو ہی زندگی لکھتے رہے
شیو بلی سنگھ بشر
سایہ جو ہے گھنا تو پرندے بھی آئیں گے
شاخیں رہیں تو پھول بھی، پتّے بھی آئیں گے
ہو گا غموں کا خاتمہ ہم کو یقین ہے
اس تیرگی کے بعد اجالے بھی آئیں گے
سیاست کی راہ ہے یہ میاں سوچ لو ابھی
خوشیاں اگر ہیں اس میں تو صدمے بھی آئیں گے
تنہائیوں میں میری یہ گزرے گی زندگی
معلوم یہ نہ تھا کہ دن ایسے بھی آئیں گے
دنیا کی ریت ہے یہ زمانے کا چلن ہے
آئے ہیں برے لوگ تو اچھے بھی آئیں گے
ہم کو نہیں یقیں تھا سیاست کی راہ میں
رہبر کے بھیس میں یہ لٹیرے بھی آئیں گے
ہم آ کے کیا کریں گے تری بزم میں بشرؔ
محفل میں تیرے چاہنے والے بھی آئیں گے
محسن عباس
دل کو یقین اس لیے وعدے پہ آ گیا وہ کوئی دل فریب کہانی سنا گیا
احساس اپنے ہونے کا آخر دلا گیا صحرا میں آ کے پھول وہ اتنے کھلا گیا
اپنے کیے کی کاٹ رہا ہے یہاں سزا الزام یہ بھی وقت کے مارے پہ آ گیا
تنہائیں لپٹ کے جو زخموں سے سو گئیں
یہ کرب ، درد بن کے مرے دل پہ چھا گیا
منزل کی آرزو تھی مگر حوصلہ نہ تھا وقتِ سفر زمیں پہ وہ آنسو بہا گیا
ہونا تھا پار، ہو گیا وہ غرق کس طرح کیوں غرق ہونے والا کنارے پہ آ گیا
ہم جس کو آندھیوں سے بچانے میں جل گیے
حیرت ہے وہ چراغ اجالے کو کھا گیا
سمجھا نہیں ابھی وہ الفؔ لامؔ میمؔ تک اس کا سبق تو آخری پارے پہ آ گیا
تعبیر سن کے جن کی مری آنکھ رو پڑی وہ فصل ایسے خوابوں کی محسنؔ اگا گیا
مدہوش بلگرامی
کتنی بے بس ذات ملی ہے یہ سمجھو خیرات ملی ہے
ظلمت نے بھی ساتھ نہ چھوڑا پنگھٹ پنگھٹ رات ملی ہے
بجھ جائے گی پیاس زمیں کی آنکھوں کو برسات ملی ہے
اب تو اس کے رنگِ غزل میں اپنے دل کی بات ملی ہے
سایے بھی کچھ دھندلائے ہیں کچھ ان سے بھی گھات ملی ہے
ہم نے ہوا کا رخ موڑا تھا بچوں سے ہی مات ملی ہے
سو جائیں گے خواب سجا کر گونگی، بہری رات ملی ہے
آج کا شاعر میں ہوں مجھ کو جذبوں کی بارات ملی ہے
محنت سے مدہوشؔ کمایا وہ کہتے خیرات ملی ہے
رہبر گیاوی
قرض حسنیٰ کا بار کرتا جا
ایک احسان یار کرتا جا
تو مجھے بے قرار کرتا جا
اور نظروں سے وار کرتا جا
پھول جتنے ہیں بھر لے دامن میں
میرے حصے میں خار کرتا جا
زخم سہنا تو میری عادت ہے
زخم کو مت شمار کرتا جا
موجیں آئیں گی لوٹ جائیں گی
تو سمندر کو پار کرتا جا
یاد رکھے گی آنے والی نسل
قوم پر سب نثار کرتا جا
میں فریبی نہیں ہوں ، رہبرؔ ہوں
بس مرا اعتبار کرتا جا
محمد وارث جلال پوری
اس طرح خون بہانے کی ضرورت کیا تھی
گھر کو گجرات بنانے کی ضرورت کیا تھی
میرے قاتل تھی تری ایک نظر ہی کافی
مجھ پہ تلوار چلانے کی ضرورت کیا تھی
اپنے اسلا ف سے تم لیتے اصولوں کا سبق
در بدر ٹھوکریں کھانے کی ضرورت کیا تھی
پیار سے سب کو گلے بھی تو لگا سکتے تھے
آگ نفرت کی لگانے کی ضرورت کیا تھی
دور ہوتے ہیں گلے شکوے محبت سے تمام
مجھ پر الزام لگانے کی ضرورت کیا تھی
اشک پی لیتے غموں کے یہ خوشی سے وارثؔ
اپنا دکھ سب کو سنانے کی ضرورت کیا تھی
٭٭٭
ماخذ:
http://www.tahreerenav.com/TAHREER%20E%20NAV-FEB-2009.inp
تدوین اور ای بک؛ اعجاز عبید
تحریرِ نو
ممبئی
فروری ۲۰۰۹ء
جون ۲۰۰۹ء
شمارہ ۱۰، ۲۰۰۹ء
شمارہ ۱۴، ۲۰۱۰ء
کالرجؔ، منٹوؔ، اخترؔ شیرانی، مجازؔ اور محمد علی تاجؔ
اگر اور جیتے ...............ندا فاضلی
انگریزی زبان کی ادبی تاریخ میں اٹھارویں صدی کی کافی اہمیت ہے۔ اسی صدی کی ساتویں دہائی ۱۷۷۰ء میں انگریزی زبان کے فطرت پر ست شاعر ولیم ورڈز ورتھ کے نام سے جانی جاتی ہے۔ ورڈز ورتھ ۱۷/اپریل ۱۷۷۰ ء میں کمبر لینڈ میں ڈروینٹ ندی کے کنارے پیدا ہوئے ، جہاں آج بھی ان کی رہائش گاہ ایک میوزیم کی طرح ان کی شاعری کے پرستاروں کی زیارت گاہ ہے۔ آٹھ برس کے تھے جب ان کی والدہ ان کا ساتھ چھوڑگئیں۔ ماں کی رحلت کے پانچ برس کے بعد والد بھی رخصت ہوگئے۔ لیکن ان غموں کو بھلانے کے لئے انھوں نے کسی نشے کا سہارا نہیں لیا اور ۸۰ سال کی عمر تک انگریزی شعر و ادب کو امیر بناتے رہے۔ ۱۷۹۸ء میں انھوں نے اپنے دوست کالرج ؔ کے ساتھ ایک تاریخی شعری مجموعہ ’لیرکل بیلڈ‘ شائع کیا۔ جس کے بارے میں انسائیکلو پیڈیا برٹانیکا نے لکھا تھا۔ یہ کتاب ملٹنؔ کے بعد ایک اہم ادبی واقعہ ہے۔ یہ شعری مجموعہ فطرت اور فوق الفطرت تخلیقات کا کارنامہ تھا۔ زبان کے لحاظ سے بھی اور موضوع کے انتخاب کی وجہ سے بھی۔ یہ مجموعہ ماضی قریب کی عقلیت پسندی کے خلاف رومانی تحریک کی ابتدائی آواز تھی۔ کالرج ، ورڈز ورتھ سے دو سال بعد پیدا ہوئے اور تقریباً ۱۷ سال پہلے رخصت ہو گئے۔ افیون کی لت نے جہاں ’خان کبلا‘ جیسی نظم ان سے منسوب کی وہاں شعری ذہانت کے ساتھ ان کی جسمانی صحت کا خراج بھی وصول کیا۔ دو سال کی چھوٹائی بڑائی کے با وجود وہ گہرے دوست تھے۔ اس دوستی کی وجہ دونوں کی شعری ذہانت تھی لیکن کالرجؔ جوانی میں ہی نشے کی عادت کا شکار ہو گئے ، کوش اور علاج کے باوجود پھر اس لت سے آزاد نہیں ہو سکے۔ ہر انسان کو اپنی زندگی بنانے اور بگاڑنے کا اختیار ہے لیکن مجھ جیسے قاری کو یہ پوچھنے کا حق ضرور ہے کہ اگر وقت سے پہلے نہیں مرتے تو اپنے پڑھنے والوں کو پڑھنے کے لئے اینشینٹ ماریز اور کبلا خان جیسی اور کچھ نظمیں دے سکتے تھے۔ جسم، روح کا مکان ہوتا ہے اور روح رحمان کا وردان ہوتا ہے۔ جسم کی حفاظت بھی ایک عبادت ہے۔ صوفی تو دل کو خدا کا گھر مانتے ہیں۔ اسی گھر کی حفاظت کو حج اکبری کے مترادف جانتے ہیں۔ ان کی افیون نوشی میری ان کئی تخلیقات کی مقروض ہے جو میرے مطالعہ سے دور رہیں۔ کالرجؔ نے آدمی سے انسان بننے کا سفر پور کیا لیکن جو توقعات ان سے وابستہ تھیں ، انھیں ادھورا چھوڑکر زندگی کا سفر پورا کر لیا۔ سکندر لودھی کے دور حکومت میں سنت کبیرؔ شریر (جسم) اور آتما کے رشتے سے واقف تھے۔ انھوں نے کہا تھا :
اس گھٹ اندر باگ بگیچے ، اسی میں سرجن ہارا
اس گھٹ کے اندر سات سمندر ، اسی میں نو لکھ تارا
کبیر ۱۴۵۶ء میں انسانی جسم میں ظہور میں آئے اور اس جسم کو جیوں کی تیوں ، دھر دینی چدریا، کے احتیاط سے ۱۵۷۵ء میں کبیر گرنتھا والی بن گئے۔ کہا جاتا ہے وہ اس جسم کے ذریعے ۱۰۰! سال سے زیادہ عرصے تک محبت اور پریم کے ڈھائی اکشر کو نئے نئے طریقوں سے روشن کرتے رہے۔ یہی پریم ان کا نشہ تھا جو دیر تک کائنات کو روشن کرتا رہا اور آج تک یہی پریم عوام و خواص میں منور ہے۔ کبیر کی ایک غزل کا مطلع ہے :
ہمن ہے عشق مستانہ ہمن کو ہوشیاری کیا
رہے آزاد یا جگ میں ہمن دنیا سے یاری کیا
کبیرؔ نے دنیا داری کی ہوشیاری سے تنگ آ کر کالرجؔ کی طرح فطرت کے ساتھ عیاری نہیں کی۔ کبیرؔ جس پریم ڈگر کی روشنی تھے اس کی بندگی کرنے والوں میں ایک ساتھ کئی ادیبوں اور شاعروں کے نام ذہن میں آتے ہیں۔ ان میں کبیرؔ کی طرح جو پھکڑپن اور اکھڑپن نظر آتا ہے اس کا نام سعادت حسن منٹو بھی تھا۔ کبیرؔ نے جو ناراضگی اور سماجی نا انصافی کو شعر کا جامہ پہنایا اسی سوجھ بوجھ کے ساتھ منٹوؔ نے اپنے قلم کا جادو جگایا۔
منٹوؔ اتحاد و یگانگت کے قلم کار تھے۔ وہ راجندر سنگھ بیدی، کرشن چندر اور عصمت چغتائی کے ہم عصر تھے لیکن وہ تینوں کے ساتھ ہوتے ہوئے اپنے مزاج اور انداز کے الگ فنکار تھے۔ وہ ملکی تقسیم کے بھی خلاف تھے اور اس سیاسی تماشے میں انسان کے حیوان بن جانے سے بھی ناراض تھے۔ انھوں نے بہت سی چھوٹی چھوٹی کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ ان میں ایک کہانی کا عنوان’ پیشاب گھر‘ ہے۔ تقسیم وطن سے پہلے سیاست، تقسیم کے لئے زمین بنا رہی تھی اور سوچی سمجھی سازش کے تحت ہندو کو زیادہ، ہندو اور مسلمانوں میں زیادہ تعصب جگا رہی تھی۔ مذہبوں کے تاجرانہ استعمال سے ایک دوسرے کے بیچ دیواریں اٹھا رہی تھیں۔ ۔ نیتاؤں کی تقریریں اپنا رنگ دکھا رہی تھیں اور غربت و افلاس کو بھیڑ بکریوں کی طرح ہنکا رہی تھیں اور اس غیر انسانی حیوانیت کے خلاف منٹو ؔ کی کہانیاں چلّا رہی تھیں اور ان سے موزیل ، کھول دو اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسی عبارتیں لکھوا رہی تھیں۔ منٹو کی کہانی ’ پیشاب گھر‘ عجیب طریقے سے شروع ہوتی ہے۔ پہلے ایک ہندو ضرورت سے فارغ ہونے کے لئے اس میں داخل ہوتا ہے اور ضرورت پوری کرتے ہوئے طاق میں رکھے ہوئے ایک کوئلے سے سامنے کی دیوار پر لکھتا ہے مسلمانوں کی ماں کی .........لکھنے والے نے جملے کو لکھ کر اس کے آگے کئی نقطے لگائے تھے .....ہندو کے بعد جو مسلمان پیشاب کی ضرورت سے وہاں جاتا ہے وہ نقطوں کی خالی جگہ کو اپنے خیال سے بھرتا ہے اور غصے میں کوئلہ اٹھا کر اس جملہ کے نیچے لکھ دیتا ہے ہندوؤں کی ماں کی .........اس کہانی کا تیسرا کردار خود افسانہ نگار منٹوؔ تھا منٹو ان دونوں جملوں کو پڑھتا ہے ، مسلمانوں کی ماں کی.........! ہندوؤں کی ماں کی........! وہ تھوڑا سوچتا ہے اور اسی کوئلے سے دونوں ادھورے جملوں کے نیچے لکھتا ہے۔ دونوں کی ماں کی ........! حیوان کی حیوانیت سے بے زار انسانیت کا یہ افسانہ نگار اس سنسار میں ۱۹۱۲ء میں وجود میں آیا اور ۱۹۵۵ء میں ایک رات کو ہمیشہ کے لئے خاموش ہو گیا منٹو کو شراب کی عادت انھیں دنوں سے تھی جب وہ ممبئی میں تھے اور ثریا و بھارت بھوشن کے مرکزی کرداروں کے ساتھ سہراب مودی کے لئے مرزا غالبؔ لکھ رہے تھے۔ راجندر سنگھ بیدی کے ساتھ منٹو اس فلم کے رائٹر تھے۔ شراب کی بلا نوشی اکثر بڑی ذہانتوں کا شکار کرتی ہے۔ وہ بھی اس کا شکار ہوئے اور عمر کی صرف ۴۳ موم بتیاں جلا کر عدم کے اندھیروں میں گم ہو گئے۔ جانے کی ان کی اس عجلت نے مجھ سے ٹھنڈا گوشت ، کالی شلوار، کھول دو جیسی نہ جانے کتنی کہانیاں چھین لیں۔ منٹوؔ نے بھی اپنی زندگی اپنی طرح جی تھی۔ لیکن اس کے اس ڈھب سے مجھے یہ شکایت ہے کہ اگر میرے اور ان کی کہانیوں کے درمیان شراب نہ ہوتی تو میری لائبریری میں پڑھنے کے لئے اور بھی کچھ ہوتا۔ اس شراب نے مجھ سے وہ بہت کچھ چھین لیا جو ایک قاری کے روپ میں میرا اس پر قرض تھا۔ منٹوؔ میرا قرض دار ہے۔ اللہ اس کی مغفرت کرے۔ امیر مینائی ایک مطلع ہے :
بندہ نوازیوں پہ خدائے کریم تھا
کرتا نہ میں گنہ تو گناہِ عظیم تھا
منٹوؔ کی بے وقت موت سے پہلے شراب نے میرا ایک بڑا نقصان وہ کیا جو ٹونک کے شاعرِ رومان اختر شیرانی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اختر شیرانی مشہور محقق محمود شیرانی کے گھر میں راجستھان کے ایک تہذیبی شہر ٹونک میں ۱۹۰۵ء میں پیدا ہوئے۔ اور شراب کے تیزاب سے دل، پھیپھڑے اور جگر کو جلا کر ملکی آزادی کے ایک سال بعد ۱۹۴۸ء میں مٹی کے سپرد ہو گئے۔ اختر شیرانی بھی کبیرؔ کی طرح محبت کے شاعر تھے۔ فرق صرف اتنا تھا کہ کبیرؔ پریم کو مذہبی فرقہ واریت ختم کرنے کے لئے گاتے تھے اور اختر اس کی روشنی سے زندگی کو خوبصورت بناتے تھے۔ ان کے لفظ انسان کے چھپے حیوان کو جینے کے آداب سکھاتے تھے ، وہ صاحبِ طرز شاعر تھے۔ ان کے بعد آنے والے کم و بیش ہر شاعر نے وہ فیض ہوں ، ن۔ م راشد ہوں ، مجاز ہوں یا جاں نثار ہوں سب کے اپنے ابتدائی سفر میں اخترؔ کی رومانی شاعری ہی ہم سفر رہی تھی۔ اخترؔ شیرانی اپنے دور میں ، جوش و اقبال کی طرح اپنی طرز کے آپ موجد تھے۔ ان کی محبوباؤں کے کئی نام تھے۔ ان میں ریحانہ اور سلمیٰ کے افسانے زیادہ مشہور ہیں۔
دو دن میں کیا سے کیا ہو گئی ہے صورت
اللہ تیری قدرت /سلمیٰ سے دل لگا کر
بستی کی لڑکیوں میں بد نام ہو رہا ہوں
کالرج، منٹو، اختر شیرانی کے ساتھ میرے قرض داروں کے اور بھی کئی نام ہیں۔ ان میں ممبئی کے مرزا عزیز جاوید بھی ہیں ، نکودر پنجاب کے نریش کمار شاد ؔ بھی ہیں ، بھوپال کے محمد علی تاجؔ بھی ہیں۔ تاجؔ کے شعری مجموعہ ’خیمۂ گل‘ کے دیباچے میں جاں نثار نے آج کی غزل کی طرح داری ، چونکا دینے والا لہجہ اور سماجی بصیرت کی طرف اشارہ کیا ہے۔ جاں نثار کے لفظوں میں تاجؔ آج کی نسل کے ان چند شعراء میں سے ہیں جو صحیح معنوں میں اس بارِ امانت کو سنبھالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ لیکن یہ بارِ امانت ان کے لئے کافی بھاری ثابت ہو ا جسے ہلکا کرنے کیلئے وہ بھوپال کی بھٹیوں میں بننے والی کچّی شراب کی مدد لینے لگے اور خوبصورت شعر کہنے والا یہ شاعر جلد ہی اپنی بیاض بند کر کے رخصت ہو گیا۔ تاجؔ کا شعر ہے :
یہ تو انسانوں کے ٹوٹے ہوئے دل ہیں ساقی
ہم سے ٹوٹے ہوئے ساغر نہیں دیکھے جاتے
لیکن جاں نثار اخترؔ کی پیشین گوئی پوری ہونے سے پہلے ، یہ شاعر بہت سے سامعین و قارئین کا قرض دار بن کر کئی انسانوں کے دل توڑ کر قبر بن گیا۔ اس فہرست میں ایک نام اور ہے جس کے بارے میں اثر لکھنوی نے ایک بار کہا تھا۔ ایک شاعر پیدا ہوا تھا جسے ترقی پسند بھیڑیے اٹھا کر لے گئے۔ عصمت چغتائی نے اس کی مقبولیت کے بارے میں لکھا تھا۔ علی گڑھ میں گرل ہوسٹل کی لڑکیاں ہر رات سونے سے پہلے مجازؔ کا نام کاغذ پر لکھ کر یہ سوچ کر تکیے کے نیچے رکھتی تھیں کہ خدا جانے صبح مجازؔ کس کی قسمت بنے۔ اس کا نام اسرالحق مجاز (لکھنوی ) تھا۔ مجازؔ نے اپنی نظم ’آوارہ ‘ میں لکھا ہے۔
جی میں آتا ہے یہ مردہ چاند تارے نوچ لوں
اس کنارے نوچ لوں یا اس کنارے نوچ لوں
ایک دو کا ذکر کیا سارے کے سارے نوچ لوں
اے غمِ دل کیا کروں ، اے وحشتِ دل کیا کروں
مجازؔ، فیض کی دستِ صبا سے پہلے اپنے اکیلے مجموعے ’ آہنگ‘ کے شاعر بن چکے تھے۔ ان کے مداحوں میں شاعرِ انقلاب جوش ؔ ملیح آبادی بھی تھے اور رئیس المتغزلین جگرؔ مراد آبادی بھی تھے۔ رومان و انقلاب کا یہ مغنی اپنی زندگی میں ہی نہایت مقبول ہو چکا تھا ، لیکن زندگی کے کئی تلخ حقائق کا سامنا کرنے کی اس میں ہمت کا فقدان تھا۔ ان کی شہرت ان حقیقتوں کی قبولیت کے آڑے آئی اور وہ فرسٹریشن کا شکار ہو گئے۔
بڑی مشکل ہے دنیا کا سنورنا
تری زلفوں کا پیچ و خم نہیں ہے
زندگی کے پیچ و خم وہ نہیں سلجھا پائے اور کئی محبوباؤں کا خواب، عین جوانی میں بے خواب ہو گیا۔ اس بے خوابی کو بہلانے کے لئے انھوں نے شراب کا سہارا تلاش کیا اور ۱۹۱۱ء میں یوپی کے ایک چھوٹے سے شہر ردولی (رزم اور باقر مہدی کا بھی یہی علاقہ تھا) میں پیدا ہو کر ۱۹۵۵ء میں لکھنؤ کے ایک شراب خانے میں ہمیشہ کے لئے دنیا کے الجھاؤ سلجھاتے سلجھاتے خود ہی اس میں الجھ کر رہ گئے۔ مجازؔ کے بارے میں نقادوں کی رائے ہے اگر وہ ۴۴ برس میں نہیں گزرتے تو آوارہ، ننھی پجارن، اب مرے پاس تم آئی ہو تو کیا آئی ہو اور ایسی دوسری غزلیں اور نظمیں لکھ کر قارئین کے وقت کو رنگین بنا سکتے تھے۔ مجازؔ نے بھی مجھ سے اچھی شاعری کا بڑا سرمایہ چھینا ہے۔ رانچی کے پاگل خانے میں مجازؔ نے دیوانگی کی حالت میں ایک ڈائری رقم کی تھی اسے بعد میں محمد حسن نے شائع کیا تھا۔ اس میں ایک جملہ تھا ، شاعر تو بس دو ہی ہیں۔ ایک مجازؔ اور دوسرا فیض، لیکن افسوس یہ ہے کہ فیض ؔ کی کلیات کے مقابلے میں ان کے مجموعے کی ضخامت ایک چوتھائی سے بھی کم ہے۔ ریاض ؔ خیر آبادی کا مطلع ہے :
یہ سر بہ مہر بوتلیں ہیں جو شراب کی
راتیں ہیں ان میں بند ہمار ے شباب کی
***
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)