چہار سو
مئی جون ۲۰۱۰ء
بانی مدیر اعلیٰ
سید ضمیر جعفری
مدیر مسئول گلزار جاوید
مدیر معاونین
بینا جاوید فاری شا محمد انعام الحق
قرطاس اعزاز حسن منظر
افراطِ شوق
رودابہ منظر
(حیدر آباد)
نام:
حسن منظر
(سید منظر حسن)
والد:
سید مظہر حسن مرحوم
والدہ:
انور جہاں بیگم مرحومہ
پیدائش:
۴ مارچ ۱۹۳۴ء،
مقام:
ہاپڑ ، اتر پردیش
تعلیم:
ہیوئٹ مسلم ہائی ا سکول، بعد میں انٹر کولج۔ مراد آباد
فورمین کرسچین کولج، اسلامیہ کولج۔ لاہور
کنگ ایڈورڈ میڈیکل کولج۔ لاہور (ایم بی بی ایس)
یونیورسٹی اَوف ایڈمبرا۔ ڈی پی ایم، روئل کولجز آف فزیشیئنز
اینڈ سرجنز ایڈمبرا گلاسگو۔ ڈی پی ایم
پیشہ:
نفسیاتی معالج۔ حیدر آباد۔سندھ
Consultant Psychiatrist
ملازمتیں :
یونیورسٹی آف ملایا، ایڈمبرہ، ویسٹ لودین ا سکوٹ لینڈ، شمالی نائیجیریا، لیگوس، روئل ڈچ مرچنٹ نیوی، سعودی عرب، موری پور، کراچی
رہائش:
حیدر آباد سندھ، گھر اور کلینک
تصانیف
افسانوں کے مجموعے
رہائی
ندیدی
انسان کا دیش
سوئی بھوک
ایک اور آدمی
خاک کا رتبہ
طویل کہانی فرفر اور رنگو
منگل سوتر ۔ پریم چند کا آخری اور ادھورا ناول
(ہندی سے ترجمہ)اور مقدمہ
پریم چند گھر میں ۔شورانی دیوی
(ہندی سے ترجمہ)اور مقدمہ
(بچوں کے لیے )
سمند ر میں جنگ جان کے دشمن دھنی بخش کے بیٹے
ناول
ماں بیٹی بیرِ شیبا کی لڑکی العاصفہ وبا
*A Requiem For The EARTH: OUP, KARACHI
* The End of Human History : Katha, Delhi
(Translations of Hassan Manzar Stories)
٭
موجودہ معاشرہ اور برہنہ فلمیں (کتابچہ)
٭٭٭
حلقہ دامِ خیال
عطیہ سکندر علی (سکھر)
۸۱/۲/۲۱ لاہور
عزیزی و مکرمی حسن منظر صاحب، تسلیم۔
آپ کے خط اور آپ کی کتاب کے لئے شکر گزار ہوں۔ بہت دن پہلے ایک معتبر دوست نے آپ کے افسانوں کی تعریف میں کچھ بتایا تھا لیکن جب میں نے ان کی بات پر کچھ زیادہ دھیان نہیں دیا، اول اس وجہ سے کہ وطن سے طویل غیر حاضری کے سبب نئے لکھنے والوں کی تحریروں سے سابقہ نہیں پڑا اور دوسرے اس وجہ سے کہ جن نوجوان لکھنے والوں سے کبھی لندن یا امریکہ وغیرہ میں ملاقات ہوئی وہ عام طور سے من ترا حاجی بگویم تو مرا حاجی بگو کے قائل معلوم ہوئے۔ اب آپ کی کہانیاں پڑھ کر محسوس ہوا کہ اُن دوست نے آپ کی تعریف میں مبالغے کے بجائے کچھ کم گوئی سے کام لیا تھا اور اس پر بھی تاسف ہوا کہ آپ کی پہلی کتاب ’’رہائی‘‘ بیروت میں ہم تک کیوں نہ پہنچی، اب بھجوا دیجیے تو عنایت ہو گی۔
اور جب صہبا صاحب سے ملاقات ہوئی تو اُن سے شکایت کروں گا کہ انہوں نے ’’ ندیدی ‘‘زیادہ اہتمام سے خود کیوں نہ شائع کی جب ان کے پاس طباعت، ترسیل اور اشتہار کے ذرائع موجود ہیں۔ آپ کے ناشرین نہ جانے اسے پڑھنے والوں تک پہنچا بھی سکے یا نہیں خیر اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ۔
مخلص
فیض احمد فیض
۲۰۔جنوری۸۷ء
لاہور
محترمی ڈاکٹر حسن منظر صاحب، سلام مسنون۔
گرامی نامہ ملا۔ اس سے پہلے میری سالگرہ کے موقع پر بھی آپ نے بڑا کرم کیا تھا۔ خدا آپ کو خوش رکھے۔
افسانہ ’’ پتے کا پانی‘‘ بڑا مکمل اور Compact افسانہ ہے۔ لطف آ گیا۔ اللھم زد فزد۔ تازہ شمارہ تو اس ماہ کے آخر میں آ رہا ہے۔ انشاء اللہ اس افسانے سے اگلے شمارے کی زینت بڑھاؤں گا۔ خدا کرے آپ حیدر آباد میں بخیریت ہوں۔ اخبار پڑھتا رہتا ہوں اور مشوّش ہوتا رہتا ہوں۔
مخلص
احمد ندیم قاسمی
۱۷۔ اکتوبر۸۱ء
دہلی۔
برادرم حسن منظر، محبتیں !
آپ کی کتاب صہبا نے بھیجی ہے۔ دو کہانیاں پڑھ لی ہیں۔ آپ بہت میٹھے لگے ہیں اس لئے گھونٹ گھونٹ پی رہا ہوں۔۔۔۔ بپتا کی رات کا سارا اندھیرا میرے بطون میں گھُل مل گیا ہے۔ اِسے پڑھ کر بہت اداس ہو گیا۔ خدا آپ کو خوش رکھے ! کل کلکتہ سے میرے ایک دوست آئے تھے جو اچھی کہانیوں کا انگریزی میں ترجمہ کرتے ہیں۔میں نے اُن سے یہ کہانی ترجمانے کو کہا ہے۔ کہہ گئے تھے دو روز بعد پھر آؤں گا اور چند روز کے لئے کتاب لے جاؤں گا۔۔۔۔ میری نئی کتاب ’’بے ارادہ‘‘ بھی دو چار دن میں آ رہی ہے۔ بھیجوں گا۔ انہی دنوں میرے ایک دوست اور میری بیوی نے مل کر میرے ناولٹ ’’آمدورفت‘‘ کا انگریزی میں ترجمہ کیا ہے۔ اس کتاب کا ایک نسخہ بھی ارسال کروں گا۔ ہاں وہاں کا مڈافُو کیوں کر بھول پاؤں گا؟ جب بھی من آئے چٹھی لکھا کریں۔ اس طرح آپ سے ملتے رہنے سے مجھے بڑی مسرت ہو گی۔
آپ کا
جوگندر پال
۱۸۔ اپریل ۲۰۰۰ء لاہور
محب گرامی، سید حسن منظر صاحب، تسلیمات۔
میں آپ کے گرامی نامے کے لیے بے حد شکر گزار ہوں، ممنونیت کا ایک باعث یہ بھی ہے کہ آپ نے میری ناچیز تالیف کی ایک سہواً غلطی کی طرف توجہ دلائی، مجھے اس قسم کا تعاون کسی ادیب سے نہیں ملا۔ اس غلطی کے لیے میں معذرت خواہ ہوں۔ اس کتاب کے تین ایڈیشن چھپ چکے ہیں لیکن یہ سب بلا ترمیم تھے۔ کچھ غلطیاں میں نے خود نشان زد کر رکھی ہیں۔ اب ارادہ ہے کہ چوتھا ایڈیشن مناسب ترمیم سے شائع ہو اور سابقہ ’’فرو گذاشتوں ‘‘ کی تلافی بھی کر دی جائے، میں آپ کی کرم فرمائی کا شکریہ ایک مرتبہ پھر ادا کرتا ہوں۔
مجھے آپ کے فن سے ایک والہانہ لگاؤ ہے ’’رہائی‘‘ اور ’’ندیدی‘‘ کے افسانے اس فن کی مروّجہ روایت سے ہٹ کر لکھے گئے اور آپ کی انفرادیت کے آئینہ دار ہیں، آپ سے ’’افکار‘‘ میں متعدد ملاقاتیں ہوئیں، میرے دوست محمد احسن خان حیدر آباد سے لاہور آتے تو آپ کا تذکرہ بڑے خلوص سے کرتے۔ ہمارے ایک اور مشترک دوست جوگندر پال جو دہلی میں آباد ہیں، گزشتہ بار وہ پاکستان آئے تو آپ کے مہمان بھی بنے تھے۔ لاہور میں ان کی میزبانی میں مَیں بھی شامل تھا۔ ان سے بھی آپ کا تذکرہ آپ کے فن کے حوالے سے ہوتا رہا۔ میں آپ کا ممنون ہوں کہ آپ نے ان کتابوں کی تفصیل لکھ دی، اب یہ میرے پیشِ نظر رہے گی۔ رہائی اور ندیدی بھدی، بُری کتابت (ٹائپ) میں تھیں۔ کیا یہ ممکن نہیں کہ اب انہیں دوبارہ بہتر کتابت میں شائع کیا جائے۔ ’’ایک اور آدمی‘‘ اور ’’منگل سوتر‘‘ کے علاوہ آپ کا مضمون ’’موجودہ معاشرہ اور برہنہ فلمیں ‘‘ اور منتخب افسانوں کی انگریزی کتاب میری نظر سے نہیں گزری۔ یہ میری محرومی ہے، کراچی اور حیدرآباد سے شائع ہونے والی کتابیں لاہور میں کم دستیاب ہوتی ہیں۔
آپ کا مخلص
انور سدید
۱۴۔ جون۹۹ء کراچی
پیارے بھائی حسن منظر صاحب، والسلام
کوئی پانچ چھ روز ہوئے آپ کا ۲۹ مئی کا لکھا ’’مسرت نامہ‘‘ آیا۔ کہہ نہیں سکتا کتنی خوشی ہوئی۔ اسی وقت اجمل کو فون پر یہ خوشخبری دی اور ماریا مازی اوٹی گللن کا خط اُسے پڑھ کر سنایا۔ وہ بھی بہت خوش ہوا۔ آپ کی خوشی میں ہم سب شریک ہیں بلکہ یہ آپکی ہی نہیں ہماری اپنی فیروز مندی ہے۔ افسوس بھی ہوا اور وہ اس بات پر کہ ہمارے ملک میں ایسی Wonderful book کی طرف کسی کی نظر نہیں جاتی۔ نقّاد حضرات اُن لوگوں کا ڈھول پیٹتے رہتے ہیں جو ہرگز اس ستائش کے مستحق نہیں۔ ہمیں میمن صاحب کا ممنون بھی ہونا چاہیے جو اپنے ملک کے بڑے ادب کو مغرب میں متعارف کرانے کا گراں قدر کام تن دہی سے کر رہے ہیں۔
خرم شانی پرسوں ایک روز کے لیے آغا خان ہسپتال میں اپنے معالج سے مشورہ کرنے آئے تھے۔ اب پھر حیدر آباد لوٹ گئے ہیں۔ شانی صاحب کو بہت سی جسمانی بیماریوں کے ساتھ ذہنی پریشانیو ں کا بھی سامنا ہے۔ انشاء اللہ اُن کی اپنی سلامت طبعی اور آپ کے التفات سے یہ سب رفتہ رفتہ دور ہو جائیں گی۔ وہ ایک نہایت خوبصورت شاعر ہیں (میں ان کو جینئس، Genius گردانتا ہوں ) آپ کو شاید اس بات کا علم ہو کہ میں نے ان کی قریب ایک سو نظموں کو انگریزی زبان کا روپ دینے کی کاوش کی ہے۔
’’A Requiem For the Earth‘‘ کے میں کوئی آٹھ دس صفحات ہی ترجمہ کر سکا پھر علیل پڑ گیا۔ طبیعت سنبھلنے پر پھر یہ کام شروع کروں گا۔ اردو زبان کی جو لغت میرے تصرف میں تھی اُس میں سے آدھی بھول چکا ہوں بہرحال فلین کی ڈکشنری میرے پاس ہے اس کی مدد سے ترجمے میں دقت نہیں ہوتی۔فلین Remarkable انگریز تھا اس کی محنت اور لگن پر حیرت ہوتی ہے۔
آپ کی علالت سے بے حد مشوّش رہتا ہوں۔ انشاء اللہ آپ کا توانا ذہن ان عوارض پر قابو پا لے گا۔ ناول جو آپ لکھ رہے ہیں یقیناً بے مثل ہو گا۔ کیونکہ میں آپ کی صلاحیتوں کو جانتا ہوں انشاء اللہ قطرہ گوہر ضرور بنے گا۔
قرۃ العین حیدر اِن دنوں کراچی میں ہیں۔ عملی ملاقات میں آپ کی کتاب ’’انسان کا دیش‘‘ اُن کی نذر کر دی تھی۔لیکن معلوم ہوا ہے کہ موصوفہ اب پڑھتی پڑھاتی بالکل نہیں ہیں۔۔۔۔ ملاقات میں بھی لیے دیئے رہیں جس کے سبب لطف آنے کے بجائے بوریت رہی جس کی گواہی اجمل بھی دے سکتے ہیں۔
محمد خالد اختر
۳۱۔مئی۱۹۹۸ء دہلی
مکرمی حسن منظر صاحب، تسلیم و نیاز۔
آپ کا تازہ افسانوں کا مجموعہ ’’ سوئی بھوک‘‘ ملا۔ اس عنایت کے لیے ممنون ہوں۔ میری بیوی شمیم نکہت افسانے لکھتی ہیں اس لیے پہلے انہوں نے اسے پڑھا اور بیحد تعریف کی۔ جزئیات کو بیان کرنے پر آپ کی گرفت اور بیحد آہستگی سے کہانی کو موڑ دینے پر آپ کی قدرت سے بیحد متاثر ہوئیں۔ میں نے سارے افسانے ابھی نہیں پڑھے لیکن جو افسانے پڑھے انھوں نے بہت متاثر کیا۔ آج کے لکھنے والوں کو کہانی لکھنے کا فن آپ سے سیکھنا چاہیے۔ بیحد دلچسپ اور بیحد خوبصورت کہانیاں ہیں۔ ایک زمانہ ہو گیا کہ آپ سے ملاقات نہیں ہوئی۔ کبھی ایک چکر ادھر کا لگائیے میرا بھی آنے کا بیحد دل چاہتا ہے لیکن جس طرح کے حالات ہیں اس میں نکلنے کی ہمت نہیں ہوتی۔ بہرحال ممکن ہے کہ اس سال اُدھر آنے کا پروگرام بن جائے میرے کراچی کے احباب بیحد بضد ہیں۔ اگر آنا ہوا تو مطلع کروں گا۔
شمیم آداب کہہ رہی ہیں۔ خدا کرے آپ سب لوگ بخیر و عافیت ہوں۔
شارب ردولوی
۱۶۔اپریل ۹۸ء
راولپنڈی
محترم ڈاکٹر سید حسن منظر صاحب۔
آپ نے اپنے دونوں مجموعے بھیج کر مجھ پر جو عنایت کی ہے اس کے لیے دلی ممنون ہوں اور سخت شرمندہ کہ ان کی رسید اتنے دنوں بعد بھیج رہا ہوں۔ آپ کے یہ دونوں مجموعے کالج لائبریری سے لے کر پہلے ہی پڑھ چکا تھا، آپ کی کہانیوں کا مختلف مزاج اور لہجہ ہے۔ آپ کی یہ انفرادیت نہ صرف موضوعات میں بلکہ اسلوب اور بُنت کاری میں بھی اپنی پہچان رکھتی ہے، ترقی پسند سوچ کے حوالے سے یوں بھی آپ سے ایک قلبی رشتہ ہے،ان کہانیوں نے اس رشتہ کی نہ صرف تجدید کی ہے بلکہ بہت سی دھندلائیوں کو دور کیا ہے۔ اس دھند اور گھٹن میں آپ کی یہ کہانیاں جینے کا حوصلہ دیتی ہیں۔ خدا آپ کو خوش رکھے اور آپ اسی طرح کی خوبصورت کہانیاں لکھتے رہیں۔
رشید امجد
٭٭٭
آرٹ کا مفہوم رابندر ناتھ ٹیگور انگریزی سے ترجمہ حسن منظر
آتھر و وَید میں ایک عجیب اشلوک ہے جو ہر اُس چیز کو جو انسانی دنیا میں عظیم ہے، ’’زائد‘‘ (superfluity) سے منسوب کرتا ہے۔ وہ بتاتا ہے :
رتم ستّیم تپو راشترم سرمودھرمس سکرمک
بھُو تم بھَوِشیت اُچیشٹے ویریم لکچھمی بلم بلے
(راست شعاری، سچائی، بڑی کاوشیں، فرماں روائی، مذہب، کار عظیم، دلیری اور تن آسودگی، ماضی اور مستقبل، سب بستے ہیں زائد کی قوتِ نہایت میں )
اس کا مطلب یہ ہے کہ آدمی اپنا اظہار بہتا ت کے ذریعے کرتا ہے جو اس کی ضرورتِ محض کو کم و بیش ڈھانپے ہوئے ہوتی ہے۔
ویدوں کے مشہور شارح ساین آچاریہ کہتے ہیں : چڑھاوے کو بھوجن جو بلید ان کی رسوم کے مکمل ہونے کے بعد بچ رہتا ہے، اس کا بکھان اس لیے کیا جاتا ہے کہ وہ برھما کی علامت ہے جو کائنات کا اوّل منبع ہے۔
اس شرح کی مطابق برھما اپنی بہتات میں بے انت ہے جو لامحالہ اپنا اظہار کبھی ختم نہ ہونے والے دنیوی عمل میں کرتا رہتا ہے۔ یہاں ہمیں تخلیقِ کائنات کا قانون نظر آتا ہے اور اسی لیے آرٹ کے آغاز کا بھی۔ دنیا کی تمام ذی روح مخلوقات میں انسان کے پاس اس کی حیاتی اور دماغی قوت اس کی ضرورت سے کہیں زیادہ ہے اور یہ قوت اسے مختلف النوع تخلیقی کاموں پر، خود اُن کاموں کے لیے، اکساتی ہے۔ خود برھما کی طرح وہ ایسی تخلیقات میں مسرت محسوس کرتا ہے جو اس کے اپنے لیے ضروری ہیں اور اس لیے اس کے اسراف کی علامت ہوتی ہیں نہ کہ آمد و خرچ برابر جیسی قلّاشی کی۔ جو آواز محض کافی ہے، وہ جتنا روز کے استعمال کے لیے ضروری ہے بول سکتی ہے، رو سکتی ہے، لیکن جو آواز مالا مال ہے وہ گاتی ہے اور اس میں ہمیں اپنی شادمانی ملتی ہے۔ آرٹ انسانی زندگی کی دولت کو ظاہر کرتا ہے جو اپنی آزادی کمال کو پہنچی ہوئی شکلوں میں ڈھونڈھتی ہے جو بذات خود اپنی علّتِ غائی ہیں۔
جو کچھ بھی بے حرکت اور بے جان ہے، محض ’’ ہونے ‘‘ کی حقیقت تک محدود ہے۔ زندگی مستقل تخلیق کار ہے، کیوں کہ اپنے اندر وہ بے چین ’’زائد ‘‘ رکھتی ہے جو بغیر رُکے، فوری زمان و مکاں کی حد بندیوں کو اپنے بہاؤ میں پار کرتا، اپنی آگاہیِ وجود کے لیے، اپنی بو قلموں اظہار کی مہم میں لگا رہتا ہے۔ ہمارا زندہ جسد اپنے اندر وہ اعضا رکھے ہوئے ہے جو اس کی کار گزاری کے لیے اہم ہیں، لیکن یہ جسم بہرحال معدے، دل، پھیپھڑوں اور دماغ رکھنے کی سہولت کے لیے ایک تھیلا ہی نہیں ہے، یہ جسم ایک تمثال ہے اور اس کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ یہ اپنی شخصیت کا پتا دیتا ہے۔ اس میں رنگ ہے، وضع قطع ہے، حرکت ہے، جن کا بڑا حصہ ’’زائد‘‘ کی ملکیت ہے اور جن کی ضرورت اپنے اظہار کے لیے ہے نہ کہ اپنی بقا کے لیے۔
تمام تخلیق کی نِیو میں ایک سچائی ہے جو بظاہر لغو ہے۔ ایک منطقی تخالف۔ اس کا عمل دو مخالف قوتوں کی مسلسل مصالحت میں ہے۔ ہم کہہ چکے ہیں کہ ’’زائد‘‘ کا فطری اصرار، یعنی اُچِّشٹا، ہی ہر آمادہ بہ تکمیل عمل کی طاقتِ حرکی ہے۔لیکن زائد کے اس بے حدود بہاؤ کو، خود کو ظاہر میں لانے کے لیے، اپنے آپ کو متناہیت کی حدود کے سپرد کرنا ہوتا ہے، سچ کے حقیقت میں منتقل ہونے کے لیے بے حدود کو حدود میں آنا پڑتا ہے۔ ہمارے سامنے ہر شے کے مبدا کے بارے میں اُپنشد کے دو مخالف کتھن ہیں۔ ایک طرف تو یہ کہا گیا ہے کہ آنند ادھیؤا کھلویمانی بھُوتانی جنٔتے (کائنات مسرت سے پیدا ہوتی ہے ) دوسری طرف وہ اشلوک ہے جو کہتا ہے :ساتا پوتپیتا سا تپستپتوا سروم اسرجنا یداِدم کنچا(برھما نے تپسا کی، اور تپسیا سے جو گرمی پیدا ہوئی اس سے اُس نے ہر اُس کی تخلیق کی جو ہے )۔ مسرت کی آزادی اور تپسیا کی بندش، دونوں ہی برھما کے تخلیقی اظہار میں مساوی طور سے سچ ہیں۔
یہ بے حدود کا حدود میں آنا فرد کا ہونا ہے۔ برھما جہاں تخلیق کرتا ہے، فرد ہے۔ جہاں وہ زیست کی اندرونی ضرورتیں صحیح وزن میں اور ہمیشگی کے لیے بہم پہنچاتا ہے، وہ شاعر ہے، دماغ کا بادشاہ، مطلق العنان اور خود کو تخلیق کرنے والا۔ وہ اپنے قانون کی حدود کو تسلیم کرتا ہے اور یوں کھیل چلتا رہتا ہے جو کہ یہ دنیا ہے، جس کی حقیقت اس کے اصل شخص (برھما) سے رشتے میں ہے۔ اشیا ایک دوسرے سے مختلف ہیں لیکن اپنی ماہیت میں نہیں، اپنے ظہور میں، بہ الفاظ دیگر اپنے اس تعلق میں جو وہ اُس سے رکھتی ہیں جو انھیں دیکھتا ہے۔ یہی آرٹ ہے جس کی سچائی مادے یا منطق میں نہیں ہے بلکہ اظہار میں ہے۔ تصوراتی سچائی سائنس اور مابعد الطبیعیات کا حصہ ہو سکتی ہے، لیکن حقیقت کی اقلیم آرٹ کی ملکیت ہے۔
دنیا، بہ حیثیت ایک آرٹ کے پَرم پُرش کا ناٹک ہے جو تمثال سازی کی رنگ رلیوں میں لگا ہے۔ تمثال کے عناصر کی کھوج لگانے کی کوشش کیجیے وہ آپ کو جُل دے جائیں گے۔ وہ کبھی بھی اظہار کے ابدی راز کا آپ کو پتا نہیں دیں گے۔ زندگی کو گرفت میں لانے کی کوشش میں جیسی کہ وہ زندہ خلیوں کے سلسلوں اور بافت میں ظاہر ہوتی ہے آپ کو کاربن، نائٹروجن اور کتنی ہے حیات سے قطعاً غیر مماثل چیزیں ملیں گی لیکن خود زندگی کبھی نہیں۔ روپ رنگ خود اپنے پر، اپنے اجزا کے ذریعے، کوئی شرح پیش نہیں کرتا ہے۔ آپ چاہیں تو اسے مایا کہہ لیجیے اور اسے تسلیم نہ کرنے کا بہانہ کیجیے۔ لیکن اس سے اُس بڑے آرٹسٹ ما یا وِن کو کوئی تکلیف نہیں پہنچے گی، کیوں کہ آرٹ مایا ہے۔ اس کی کوئی اور توضیح نہیں ہے سوائے اس کے کہ یہ ویسا لگتا ہے جیسا کہ ہے۔ یہ کبھی اپنی اس ہاتھ نہ آنے والی خاصیت کو چھپانے کی کوشش نہیں کرتا ہے، بلکہ خود اپنی پہچان پر ٹھٹول کرتا ہے اور چھپنے ڈھونڈھنے کے اپنے کھیل کو اپنے مستقل تغیرات کی اُڑان میں کھیلتا رہتا ہے۔
اور یوں زندگی کو جو آزادی کا ایک کبھی نہ تھمنے والا دھماکا ہے اپنی بحر (metre) بار بار موت میں ڈوب کر ہاتھ آتی ہے۔ ہر روز ایک موت ہے اور ہر لمحہ بھی۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو کیا ہوتا؟ نا مُردنی کا ایک بے شکل ابد اً گوں گا اور بے حرکت ریگستان۔ کیوں کہ زندگی خود مایا ہے، اور جیسا کہ معلِّم اخلاق کہتے نہیں تھکتے، ہے بھی اور نہیں بھی۔ ہمارے ہاتھ اس میں سے جو کچھ آتا ہے وہ لَے، تال یا تناسب ہے جس میں وہ خود کو پیش کرتی ہے۔ کیا چٹانیں اور معدنیات اس لحاظ سے بہتر ہیں ؟ کیا سائنس نے یہ حقیقت ہم پر آشکار نہیں کی ہے کہ ایک عنصر اور دوسرے عنصر میں مختتم فرق محض لَے یا تال کا ہے ؟ سونے اور پارے میں بنیادی امتیاز محض ان کی اُس تال یا لے کے فرق میں ہے جو ان کی اپنی اپنی جوہری ساخت میں مضمر ہے۔ جیسے شاہ اور رعیت میں امتیاز ان کے مختلف عناصر ساخت میں نہیں ہے بلکہ مختلف اوزانِ مقام و حالت میں ہے۔ یہاں آپ کو سین کے پیچھے چھپا ہوا آرٹسٹ ملتا ہے، تال اور لے کا جادو گر جو بے حقیقت کو حقیقت کا ایک ظاہرہ بخشتا ہے۔
اور یہ تال یا لَے (rhythm) ہے کیا؟ یہ وہ حرکت ہے جسے ہم ساز (harmonious) بندش پیدا کرتی ہے اور جس پر ضبط و قیود بھی عائد کرتی ہے۔ یہ تخلیقی قوت ہے جو آرٹسٹ کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ جب تک الفاظ ایک بے زیرو بم نثری شکل میں رہتے ہیں وہ ہمیں حقیقت کا کوئی پائیدار احساس نہیں بخشتے، جب انھیں اٹھا کے لَے یا تال کے حوالے کر دیا جاتا ہے ان میں ارتعاش سے تابندگی آ جاتی ہے۔ یہی حال گلاب کا ہے، اس کی پنکھڑیوں کے گودے میں آپ کو ہر وہ چیز ملے گی جس سے گلاب بنا ہے، لیکن جو گلاب مایا ہے ایک تصور، ایسا کرنے میں وہ گم ہو جائے گا اس کی قطعیت جس میں لا محدودیت کا لمس ہے وہ کھو جائے گا۔ مجھے گلاب ساکت لگتا ہے لیکن اپنی ترتیب کے وزن یا بحر کی بنا پر اُس میں، اُس کی گہری خاموشی کے میان حرکت کا ایک گیت موجود ہے اور یہ ویسا ہی ہے جیسے ایک ایسی تصویر کی محرک خوبی جس مین مکمل طور سے ترتیب کی ہم آہنگی ہو۔ یہ حقیقت ہمارے شعور میں، اُسے حرکت کا ایک ایسا جھونٹا دے کر جو اس کی اپنی حرکت کے ساتھ ہم وقت ہو، ایک موسیقی پیدا کرتی ہے۔ اگر تصویر رنگوں اور لکیروں کے بے آہنگ، بے ترتیب جمگھٹے پر مشتمل ہو تو وہ کسی میت کی طرح ساکت ہو گی۔ بے عیب حسنِ ترتیب میں آن کر آرٹ کی وہ صورت تاروں جیسی بن جاتی ہے جو اپنے بظاہر سکوت میں کبھی ساکت نہیں ہیں۔جیسے ایک بے حرکت لَو جو جُز حرکت کے کچھ اور نہیں ہے۔ ایک مہان تصویر ہمیشہ گویا رہتی ہے، لیکن اخبار میں چھپنے والی خبر، چاہے وہ کسی اندوہ ناک واقعے ہی کی ہو، مُردہ تن وجود میں آتی ہے۔ کوئی خبر کسی جریدے کی گم نامی میں پڑی محض روز مرہ کی ایک بات ہو سکتی ہے، لیکن اسے صحیح لے یا تال عطا کیجیے، پھر وہ کبھی جگمگانے سے عاجز نہیں رہے گی۔ یہ آرٹ ہے۔ اس کے پاس جادو کی وہ چھڑی ہے جو ہر اُس چیز کو جس سے وہ مَس ہوتی ہے، کبھی نہ مرنے والی حقیقت بخش جاتی ہے وہ اُن چیزوں کا ہماری درونی ہستی سے تعلق پیدا کر دیتی ہے۔ ہم اس کی تخالیق کے مقابل کھڑے ہو کر کہتے ہیں : میں تمہیں ویسا ہی جانتا ہوں جیسا خود اپنے آپ کو۔ تم حقیقی ہو۔
یہاں مجھے موقع دیجیے کہ اپنے ایک پچھلے مقالے سے آرٹ کے فرضِ منصبی پر اپنی رائے کو دُہراؤں۔ جب ہم جمالیات کا آرٹ کے حوالے سے ذکر کرتے ہیں تو ہمیں جاننا چاہیے کہ یہ خوب صورتی کی، اس کے عام معنوں میں، بات نہیں ہو رہی ہے بلکہ اُن گہرے معنوں میں ہے جس کا اظہار ایک شاعر نے اپنے الفاظ میں یوں کیا ہے : خوب صورتی سچائی ہے، سچائی خوب صورتی ہے۔ ایک آرٹسٹ ایک خستہ حال شخص کی ایسی تصویر پینٹ کر سکتا ہے جو آنکھوں کو بھلی نہ لگے لیکن پھر بھی ہم اسے مکمل یا بے عیب کہتے ہیں جب اس کی سچائی کی ہمیں گہری آگہی ہو جاتی ہے۔
زندگی کے امید سے تہی المیوں کو اصطلاحاً کبھی بھی خوب صورت نہیں کہا جا سکتا ہے لیکن آرٹ کے پس منظر کے مقابل ظاہر ہو کر وہ ہمیں مسرّت بخشتے ہیں اور اس کی وجہ حقیقت کا وہ تیقّن ہے جو وہ ہمارے دماغ میں پیدا کرتے ہیں۔ اس سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ ہر چیز جو اپنے اندر پنہاں قطعیت کی بنا پر اپنی ہستی کا لوہا ہم سے منوا لیتی ہے، خوب صورت ہے۔اور یہ وہ چیز ہے جسے سنسکرت میں ’’منوہر‘‘ (لغوی معنی: دماغ کو چُرا لینے والا) کہا جاتا ہے، ’’من‘‘ (دماغ) جو معلوم کرنے والے اور معلوم کے درمیان ایستادہ ہے۔ ہماری پہلی ہم دردی اُن تمام اشیاء کے لیے ہے جو زندہ ہیں، کیوں کہ اگر سمجھا جائے تو وہ ہماری زیست کی آگاہی کی محرک ہوتی ہیں۔ یہ حقیقت کہ ہم موجود ہیں اس کی سچائی اس حقیقت میں مضمر ہے کہ دوسری ہر چیز بھی وجود رکھتی ہے۔ مجھ میں کا ’’میں ہوں ‘‘ اپنے پھیلاؤ سے، اپنی لامتناہیت سے تب ہی پوری طرح آگاہ ہوتا ہے جب وہ کسی دوسری شے کا صحیح معنوں میں ادراک کرتا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے اپنی محدودیتوں اور بے شمار ذہنی مشغولیتوں کی وجہ سے ہماری دنیا کا ایک بڑا حصہ، باوجود نزدیک سے ہمارے گرد ہونے کے، ہماری توجہ کی روشنی کے کھمبے سے بہت دور رہتا ہے۔ اور یہ بڑا حصہ جو دھندلا ہے ہمارے پاس سے گزرتا جاتا ہے سایوں کا ایک کارواں جیسے ایک لینڈ اسکیپ جو ایک روشن ریلوے کمپارٹمنٹ کی کھڑکی سے رات میں نظر آتا ہے۔ مسافر جانتا ہے کہ باہر کی دنیا اپنا وجود رکھتی ہے یہ کہ وہ اہم ہے لیکن وقتی طور سے ریلوے کا ڈبا اس کے لیے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ اگر اس دنیا کی ان گنت چیزوں میں سے چند ایک ایسی ہوں جو ہماری روح کی پوری تابانی میں آ جائیں اور یوں ہمارے لیے حقیقت کا روپ اختیار کر لیں تو وہ مسلسل ہمارے تخلیقی دماغ کو ابدی نمائندگی بخشے جانے کی دُہائی دیتی رہتی ہیں۔ وہ اُسی اقلیم سے تعلق رکھتی ہیں جس سے ہماری وہ خواہش جو ہمارے اپنے آپ کی دوامیت کی تمنا کی نمائندگی کرتی ہے۔
میرے کہنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ جن چیزوں سے ہم ذاتی منفعت کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں ان میں حقیقت کا وجدان ہے۔ اس کے برعکس ایسی چیزیں ہمارے اپنے سائے سے گہنا جاتی ہیں۔ پیش خدمت ہمارے لیے اس سے زیادہ حقیقی نہیں ہے جتنا محبوب۔ افادیت پر تنگ نظر زور ہماری توجہ کو پورے انسان سے ہٹا کر محض کارآمد انسان پر منعطف کر دیتا ہے۔ بازار کی قیمت کا دبیز لیبل حقیقت کی واقعی قیمت کو مٹا دیتا ہے۔
’’ورھد آرنیکا‘‘ میں کہا گیا ہے : یہ خواہش کہ بیٹا ہو اسے پیارا نہیں بناتی ہے، بیٹا خود اپنی ذات میں پیارا ہے۔ یعنی بیٹے میں باپ اک حقیقت سے آگاہ ہوتا ہے جو اس کے اندر بلاواسطہ اور گہری ہے۔ وہ اس لیے خوش نہیں ہے کہ اس کا بیٹا بے عیب اور خوب صورت ہے بلکہ اس لیے کہ اس کا بیٹا بلاشبہ اس کے لیے حقیقت ہے۔ جیسا کہ میں پہلے کہہ چکا ہوں، ہماری مسرّت حقیقی کے بے لوث ادراک میں ہے۔ یہ منبع ہے تمام فنون اور ادب میں ہماری سرخوشی کا جہاں حقیقت ہمارے سامنے اپنی مطلق قیمت کے پایہ ستون پر رکھ کر پیش کی جاتی ہے۔
ہمارے دماغ کے تمام گہرے نقوش کے ہمراہ کچھ جذبات ہیں جو اپنی مختلف النوع تھرتھراہٹ ہمارے شعور میں بپا کرتے رہتے ہیں۔ یہ ہلچل ہماری آواز اور حرکات کو تناسب سے گھٹاتی بڑھاتی ہے اور ہمیں رنگوں، شکلوں اور آوازوں کی تخلیقی نمود پر برانگیختہ کرتی رہتی ہے۔ اس پر مجھے وہ موقع یاد آتا ہے جب میں نے ایک ا سکو ل کی عمارت کی دیوار پر بڑے بڑے حروف میں لکھا دیکھا تھا:’’ بِپن پر لے درجے کا گدھا ہے۔‘‘ اس بات پر مجھے ہنسی بھی آئی اور ساتھ ہی اس سوال کا جواب بھی مل گیا کہ آرٹ کیا ہے۔ کوئی بھی بے وجہ یہ اعلان کرنے کی رتی بھر تکلیف گوارا نہیں کرے گا کہ بِپن لمبا ہے یا یہ کہ اُسے زکام ہے۔ عام حالات میں ہمارے دماغ پر بپن کا جو نقش بنے گا وہ متانت آمیز اور غیر جانبدار ہو گا، لیکن جب ہم اس سے محبت یا نفرت کرتے ہیں تو بپن کی ہستی کی حقیقت جذبات کے اس ہیجانی پس منظر پر دمک کر عیاں ہو جاتی ہے۔ اس صورت میں ہمارا دماغ غیر جانبدار نہیں رہ سکتا۔ وہ بپن کے تصور کو اس جمِ غفیر سے جو ہمارے لیے غیر اہم ہے، علیحدہ کرتا ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق اُسے دوسروں کے لیے بھی اتنا ہی ناقابلِ تردید، حقیقی بنانے کی کوشش کرتا ہے جتنا وہ ہمارے لیے ہے۔وہ لڑکا جو غصے میں بپن کے بارے میں اپنی برہمی بھری رائے کو دوامیت دینا چاہتا تھا، اور چاہتا تھا کہ ساری دنیا بھی اسے تسلیم کرے، اس کے پاس سوائے اپنے ناکافی لکڑی کے کوئلے اور اپنی بے اثر ٹریننگ کے اور کچھ نہ تھا، جب کہ اس کے زمانہ قدیم کے آبا و اجداد جب جوش دلائے جانے پر غصّے میں آ جاتے تھے تو اس غصے کو وہ نہ صرف پُر اثر طریقے سے پیکار میں نکال سکتے تھے بلکہ رزق برق طریقے سے جلال کے اظہار میں بھی جس کے لیے قدرتی رنگ، پَر، چمکیلی اشیاء اور لڑائی کے ناچ اُن کے ہتھیار ہوتے تھے۔ وہ دیوارِ مدرسہ کی تحریر جو بقائے دوام کے لیے تڑپ رہی تھی، رنگوں اور لَے بھری لکیروں کی افسوس ناک حد تک بھکاری تھی جو اُسے ایک شہرہ آفاق ہم جنسوں کی صف میں جگہ دیتے۔ مشہورِ زمانہ گپھاؤں کی آبی رنگوں والی تصاویر کی صف میں جن میں فنکاروں نے بعض شخصیتوں اور متعدد واقعات کے اپنے جائزے پر زور دیا ہے اور انھیں ابدیت بخشنے کی کوشش کی ہے، کیوں کہ آرٹ کی تخلیقات مشتمل بہ جذبات اظہار ہوتی ہیں حقائق اور تصورات کا۔ وہ کبھی بھی فوٹو گرافک کیمرے کی کاریگری کی مانند نہیں ہو سکتی ہیں جو روشنیوں اور پرچھائیوں کو بلا امتیازِ تفصیل منفعل طور سے قبول کرتا جاتا ہے۔ ہمارا سائنسی دماغ ہر طرح کی طرف داری سے آزاد ہے۔ اس کے روبرو جو حقائق آتے ہیں اُنھیں وہ بے رحم تجسس سے، بغیر کسی ترجیح کے قبول کرتا جاتا ہے۔ آرٹسٹک دماغ شدید طور سے جانبدار واقع ہوا ہے اور وہ جانبداری نہ صرف یہ کہ اس کی، نک چڑھے پن سے، موضوع کے انتخاب میں رہنمائی کرتی ہے بلکہ اس کی تفاصیل کے انتخاب میں بھی۔ آرٹسٹک دماغ زورِ احساس اور اہمیت کی رنگین روشنیاں اس طرح اپنے موضوع پر ڈالتا ہے کہ وہ ایک فرد یا کردار بن جاتا ہے اور یہ سبھاؤ اسے اپنے ساتھیوں سے ممیز کرتا ہے۔ سائنس کے لوے (SKYLARKS) اپنی شہادت اپنے ایک جیسے ہونے میں دیتے ہیں، آرٹسٹوں اور شاعروں کے لوے ایک جیسے نہ ہونے میں اگر شیلی کی نظم اس پرندے کے بارے میں ویسی ہی ہوتی جیسی ورڈزورتھ کی تو اُسے سچائی سے عاری ہونے کی بنا پر رد کر دیا جاتا۔
چوں کہ آرٹ کسی چیز، کردار یا واقعے کے ہمارے ذاتی جائزے کا حامل ہوتا ہے، آرٹسٹ اپنے عمل میں فطرت کے پھیلے ہوئے پچ میل پن کے طور کو نہیں اپناتا ہے۔ اس کے بر خلاف وہ اپنی انسانی سرشت کا تابع رہتا ہے جو آمادہ بہ انتخاب ہے۔ جو کچھ اس کے اپنے مقصدِ اظہار کے لیے ضروری ہے اس سے دامن چھڑا کر اور جو اہم ہے اُس پر زور دے کر وہ اپنی تخلیق کی سچائی کو زیادہ وضاحت سے پیش کر سکتا ہے بہ نسبت اس کے کہ وہ حقیقت کی نقل کرے جو ہر موجود چیز کے بارے میں قطعاً غیر جانبدار ہے۔ خدا کی تخلیق کی سالمیت بڑی بے کراں ہے اور یہ کسی شے کے لیے ممکن نہیں ہے کہ وہ اس سے اپنے رشتے میں حد سے زیادہ سر کشانہ طور پر مختلف ہو جائے، لیکن انسانی اظہار کا پس منظر چھوٹا ہے اس لیے یہ کبھی بھی ممکن نہیں ہو گا کہ ہم فطرت کی تفاصیل کو اپنے آرٹ کی تخلیقات میں سمو سکیں۔ قبل از تاریخ کے جنگل کو اپنے باغیچے کے تختوں کے تناظر میں ڈھونڈنے کی کوشش کرنا کودکی ہے اور تاریخ حیوانات و نباتات کی ہمارے فن پاروں میں تصویر کشی بھی جو حقائق کو ہماری شخصیت کے سُر میں کم و زیادہ کرتی ہے۔
ایک دفعہ مجھ سے سوال کیا گیا تھا کہ میں موسیقی کو اپنے فن کے نظریے میں کیا مقام دیتا ہوں۔ مجھے اس سوال کا جواب دینا ہے اور اس موقعے کو میں اپنی توضیح پیش کرنے کے لیے کام میں لا رہا ہوں۔
اقلیم سائنس میں ریاضی کی مثل، موسیقی تمام فنون میں سب سے زیادہ خیالی ہے۔ درحقیقت دونوں کا ایک دوسرے سے گہرا رشتہ ہے۔ ریاضی، بہ حیثیت ہندسے اور ابعاد (لمبائی، چوڑائی اور گہرائی یا موٹائی) کی منطق، ہماری سائنسی معلومات کی بنیاد ہے۔ جب اسے اس کے کائناتی مظاہر سے مادی رشتوں سے علیحدہ کر کے علامتوں میں محدود کر دیا جائے تب ریاضی اپنے عظیم ساختیاتی کروفر کو۔۔۔ یعنی اپنی مکمل ہم آہنگی کی ناگزیریت کو۔۔۔۔ ظاہر کرتی ہے۔لیکن ایک چیز ریاضی کا جادو بھی ہے جو تمام ظہور کی بیخ میں کارفرما ہے اور جو وحدت کی ہم آہنگی کو پیدا کرتا ہے اشیا کا ایک دوسرے سے رشتے کو زیرو بم جو انھیں کُل کی قلمرو میں لے آتا ہے۔ہم آہنگی کی اس لے کو اس کے عام سیاق و سباق سے نکال کر آواز کے وسیلے سے ظاہر کیا گیا، اور یوں اظہاریت کا خالص عطر جو وجود میں آیا، اُسے موسیقی میں پیش کیا جاتا ہے۔ آواز میں اسے کم سے کم مزاحمت ملتی ہے اور اسے ایسی آزادی میسر آتی ہے جس پر حقائق اور خیالات کا بوجھ نہیں ہوتا۔یہ چیز اسے ایسی قوت عطا کرتی ہے جو ہم میں حقیقت کے شدید احساس کو بیدار کرتی ہے، جو ہمیں تمام اشیا کی روح تک لے جاتی ہوئی لگتی ہے اور ہمیں وجدان کے سانس کو عظیم ترین تخلیقی مسرت سے آتا ہوا محسوس کراتی ہے۔
مصوّری، پیکرسازی اور صوتی فنون میں مادی شے اور اس سے متعلق ہمارے احساسات ایک دوسرے سے بہت نزدیک آ جاتے ہیں جیسے گلاب اور اس کی خوشبو، موسیقی میں صوت میں نچوڑا ہوا احساس بذات خود ایک مستقل شے بن جاتا ہے، وہ لَے کی شکل اختیار کر لیتا ہے جو واضح ہوتی ہے لیکن ایسا مفہوم جس کی تعریف ممکن نہیں، لیکن جو پھر بھی ہمارے دماغ کو ایک مطلق سچائی کے احساس کے ساتھ اپنے بس میں کر لیتا ہے۔
صدیوں پہلے بنگال میں ایک وقت آیا جب نارائنی پریم ناٹک جس کا ابدی کھیل انسانی روحوں میں تھا، اس کا واضح اظہار ایک ایسی شخصیت میں کیا جانے لگا جو پرم آتما سے اپنی پوری آگاہی کے گہرے تعلق کی ضو افگنی کرتی تھی۔ ایک پوری قوم کا دماغ دنیا کے ایسے دیدنی پیکر کی شکل میں پیش کیے جانے سے، جو ایک آلہ تھا جس کے ذریعے ہمیں مسرّت کامل سے ملاقات کی دعوت دی جا رہی تھی، ہلچل میں آ گیا۔ پرم آتما کی محبت کی پکار کے ناقابلِ بیان راز نے۔۔۔۔ جو رنگوں اور ہیئتوں کا کبھی نہ ختم ہونے والامسلسل منظر تھا، جیسے اپنا ہم نوا طائفہ انسانی احساسات میں مل رہا تھا۔موسیقی میں ایسی تخلیقی حرکت کو جگایا جو کلاسیکی تقلیدیت کی بندشوں کو پار کر گئی۔ ہمارے کیرتن سنگیت نے بنگال میں ایسے جنم لیا جیسے ایک جذبے کے آتش گرفتہ بھنور نے ایک ستارے کو ایک پوری قوم کے دل میں اٹھا پھینکا ہو۔
ہماری تاریخ میں ایسے مواقع آتے ہیں جب عوام الناس کے ایک بڑے گروہ کا شعور ایکا ایکی کسی ایسی چیز کی معرفت سے جو روز مرہ کے واقعات کے معمولی پن سے کہیں بالا نظر آتی ہے، منور ہو اٹھتا ہے۔ ایسا ہی ایک موقع تھا جب (گوتم) بدھ کی آواز، تمام مادی اور اخلاقی رکاوٹوں کے پار، دور کے ساحلوں تک پہنچی۔ اس وقت ہماری زندگی اور ہماری دنیا نے اپنے حقیقت کے گہرے مفہوم کو اس مرکزی شخص سے اپنے تعلق میں پایا جس نے ہمیں محبت کی آزادی عطا کی تھی۔ اور آدمی اس مہان انسانی تجربے کو دائمی یادگار بنانے کے لیے ناممکن کو گزرنے کا عزم کر بیٹھا۔انھوں نے چٹانوں کو گویا کرایا، پتھروں کو گوایا اور گپھاؤں کو حافظہ دیا۔ خوشی اور امید کی آواز نے پہاڑیوں، ریگستانوں، لُنڈ منڈ تنہائیوں اور گنجان آباد شہروں میں امر شکلیں اختیار کیں۔ ایک جنّاتی تخلیقی مہم نے اُن رکاوٹوں کو جن میں مغلوب کر لینے کی طاقت تھی، خاطر میں نہ لا کر عظیم الشان تراشوں کو جنم دے کر اپنی فتح منا ئی۔ یہ جوشیلا عمل جو براعظم کے پوربی بڑے حصے پر پھیلا ہوا ہے اس سوال کا واضح طور سے جواب دیتا ہے کہ آرٹ کیا ہے۔ آرٹ انسان کی تخلیقی روح کو حقیقت کی پکار کا جواب ہے۔
لیکن انفرادی دماغ کا اپنے مزاج اور تربیت کے لحاظ سے حقیقت کا اس کے بعض پہلوؤں میں اپنا ادراک ہوتا ہے۔ ہم گندھارا کی بدھ کی مورتیوں میں یونان کے فنی اثر کو دیکھ سکتے ہیں جن میں سائنسی پہلو بالخصوص تشریح ابدان کی صحت پر زور دیا جاتا تھا، جب کہ خالصتاً ہندوستانی دماغ علامتی پہلو پر قائم رہا اور اس نے بدھ کی آتما کے اظہار کی کوشش کی اور ایسا کرنے میں کبھی بھی حقیقت نگاری کی محدودیت کو تسلیم نہیں کیا۔ یورپ کے عظیم مجسمہ سازروداں (Rodin) کی مہم جو روح کے لیے حقیقت کا سب سے اہم پہلو اس کی کبھی نہ تھمنے والی نامکمل کے اپنی کوتاہیوں کی بیڑیوں سے رہائی پانے کی جدوجہد ہے جب کہ مشرقی آرٹسٹ کے دماغ کے لیے جو فطرتاً آمادہ بہ مشاہدہ نفس ہے، جو کچھ حقیقی ہے وہ تکمیل کی آدرشی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔
اس لیے جب ہم اس حقیقت کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں جسے ہندوستانی آرٹ کہا جاتا ہے تو اس سے اشارہ ایک ایسی سچائی کی طرف ہوتا ہے جس کی نیو ہندوستانی روایت اور مزاج پر ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہمارا یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ انسانی تہذیبوں میں مکمل ذات پات کی قیود جیسی کوئی چیز نہیں ہے۔ انسانی گروہوں میں آمیز ہونے اور نئی متنوع تخلیق کی قوت سدا رہتی ہے اور ایسے امتزاج جگوں سے چلے آ رہے ہیں اور یہ اس صداقت پر دال ہے کہ انسانی نفسیات اپنی گہرائی میں ایک ہے۔ اس بات کو تسلیم کیا جاتا ہے کہ ہندوستانی آرٹ میں ایرانی عنصر کو رکاوٹیں نہیں ملیں اور دیگر بیرونی اثرات کے بھی نشانات ملتے ہیں۔ چین اور جاپان کو اپنی آرٹسٹک اور روحانی زندگی کی بالیدگی کے لیے ہندوستان کا زیر بار ہونے کو تسلیم کرنے میں بھی قباحت پیش نہیں آئی ہے۔ ہماری تہذیبوں کی خوش بختی سے ایسی تمام آمیزش اُس دور میں ہوئی جب آرٹ کے پیشہ اور ناقدوں کی بھرمار نہیں تھی اور درجہ بندی کرنے والے ہمہ وقت تنبیہ کی انگلی سے آرٹسٹ کو یہ نہیں بتاتے رہتے تھے کہ وہ اپنے وجدان میں سے کس کا انتخاب کرے نہ ہی ہمارے آرٹسٹوں کو یہ عیاں حقیقت بیزار کر دینے کی حد تک یاد دلائی جاتی تھی کہ وہ ہندوستانی ہیں، نتیجتاً باوجود اَوروں سے تمام تر اخذ کرنے کے، انہیں خود قدرتی طور سے ہندوستانی ہونے کی آزادی رہتی تھی۔
بڑے اختراعی قابلیت رکھنے والوں کی عظمت کی پہچان، بسا اوقات ان کے علم میں آئے بغیر، ان کی اخذ کرنے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے۔ ان کی ساکھ دنیا کے تہذیبی بازاروں میں لا محدود ہوتی ہے۔ صرف اوسط درجے والے اخذ کرنے سے جھینپتے اور ڈرتے ہیں کیوں کہ انھیں اپنا قرضہ اپنے سکے میں لوٹانا نہیں آتا۔ ناقدین میں سے کسی انتہائی بے وقوف کو بھی شیکسپیئر کو اپنے قومی ورثے کے باہر سے کھلّم کھلا تصرّف کرنے کا اُلاہنا دینے کی ہمت نہیں ہوتی ہے۔ انسانی روح کو اپنی ہمہ گیر حساسیت پر فخر ہے جب وہ پوری طرح سے بیدار ہوتی ہے تو اپنی ہر جگہ رسائی کا اعلان کر رہی ہوتی ہے۔ ہم اس امر پر خود کو مبارک باد دیتے ہیں اور اسے روحانی طور سے اپنے زندہ ہونے کی علامت گردانتے ہیں کہ یورپی خیالات اور ادبی ہیئتوں کی ہمارے ذہن سے اولین اتصال ہی سے بنگالی ادب میں زبردست تبدیلیاں آئیں لیکن ہماری ہندوستانی روح اس تصادم کو جھیل گئی اور اس طغیانِ عظیم پر بڑے پُر زور طریقے سے پھلی پھُولی ہے۔ اس سے صرف یہ پتا چلتا ہے کہ گو انسانی ذہنیت کرہ ارض کی آب و ہوا کی مثال اپنے مختلف جغرافیائی خطّوں میں اپنے مختلف ٹمپریچر رکھتی ہے لیکن ایسے مختلف کمروں میں دیوار بستہ نہیں ہے کہ ایک سے دوسرے میں اس کا گزر نہ ہو سکے، اور یوں مشترک ہوا کی حرکت پورے کرے پر اپنے صحت بخش اثر کے ساتھ جاری ہے۔ سو ہمیں دل بڑا کر کے جرأت مندانہ تجربات کرنے چاہئیں، تمام خطروں کے مقابل کھلی سڑک پر نکل آنا چاہیے ناپاک ممانعتوں کو جن کے ادبی مبلغ ادنیٰ درجے کے محتاط ناقدین ہیں، للکارتے ہوئے انسانی دماغ کی عظیم دنیا کے تجربات سے گزرنا چاہیے اور جب وہ نزاکت سے ہمارے آرٹسٹوں کو اچھے بچوں کی طرح رہنے اور کبھی ان کے ا سکول کے کمرے کی دہلیز سے باہر قدم نہ نکالنے کی تلقین کریں تو اُن پر ہنسنا چاہیے۔ ڈرے ڈرے ایک روایتی ٹائپ سے سدا مطابقت رکھنا نا پختگی کی علامت ہے۔ صرف چھوٹے بچوں میں خط و خال کی انفرادیت دھندلی ہوتی ہے اور اس لیے ذاتی پہچان زیادہ واضح نہیں ہوتی ہے۔ بچپنا ایک ذہنیت ہے جس کی بہ آسانی تعمیم کی جا سکتی ہے، بچوں کی غاؤں غاؤں ہر جگہ ایک ہی صوتی لرزش پر مبنی ہوتی ہے ان کے کھلونے بھی تقریباً ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔ لیکن بلوغت کی عمر کی درجہ بندی مشکل ہے : بلوغت کی عمر مشتمل ہوتی ہے افراد پر جو اپنی ذاتی انفرادیت کو پہچانے جانے پر مصر ہوتے ہیں۔ یہ ذاتی انفرادیت نہ صرف اپنے مخصوص رویّوں میں نظر آتی ہے بلکہ تمام بیرونی محرکات پر اپنے خصوصی ردِ عمل یا تاثر میں بھی۔
میں اپنے تمام آرٹسٹوں سے شدت سے اس بات پر اصرار کرتا ہوں کہ وہ تدبر سے کام لے کر ایسی چیز کے تخلیق کرنے کی اپنی ذمہ داری سے انکار کر دیں جس پر ہندوستانی آرٹ کا لیبل لگایا جا سکے اور جس کی مطابقت پچھلی دنیا کے کسی مخصوص ڈھب سے ہو۔ انھیں داغے ہوئے جانوروں کی طرح کھدیڑ کر باڑے میں بند کیے جانے سے فخر کے ساتھ انحراف کرنا چاہیے جن سے مویشیوں کا سلوک کیا جاتا ہے، گیّوں کا نہیں۔ سائنس غیر ذاتی ہے، اس کا ایک پہلو ایسا ہے جو محض آفاقی ہے اور اس لیے تصور مجرد۔ لیکن آرٹ ذاتی ہے اوریوں اس کے ذریعے جو کچھ آفاقی ہے وہ فرد کے روپ میں خود کو آشکار کرتا ہے، افعال، اعضاء، چہرے مہرے میں، زبان اور ادب کی شکل میں۔ سائنس تعمیم کی ریلوے ٹرین کا ایک مسافرہے وہاں ہر سمت سے استدلال کرنے والے دماغ ایک ہی جیسی گاڑی میں ایک ساتھ سفر کرنے کے لیے آتے ہیں۔ آرٹ ایک تنہا پیادہ پا ہے جو بھیڑ بھڑکے میں اکیلا ارد گرد کے مختلف النوع تجربات کو، جنہیں نہ قِسموں میں بانٹا جا سکتا ہے نہ کسی ترتیبی فہرست میں ڈالا جا سکتا ہے اپنے میں ضم کرتا ہوا چلتا رہتا ہے۔
ایک وقت تھا جب انسانی نسلیں ایک دوسرے سے نسبتاً علیحدگی میں رہتی تھیں اور اس بنا پر آرٹ کے کارنامے انجام دینے والوں کو اپنا تجربہ محدود کی ایک تنگ وسعت میں، بعض عمومی خصوصیات کی گہری لکیروں کے درمیان میسر آتا تھا۔ لیکن آج وہ وسعت بہت بڑھ چکی ہے اور ہم سے اُس تاثر پذیری کی نسبت جسے قدیم زمانوں میں ہم خود میں پیدا کرنے پر مجبور تھے، آج کہیں زیادہ تاثر قبول کرنے کی طاقت کی متقاضی ہے۔ آج اگر ہم میں ایک زندہ روح ہے جو تصورات اور ہیئت کی خوب صورتی کی حس رکھتی ہے تو اسے اپنی استعداد کا ثبوت ہر اس چیز کو اپنا کر دینا چاہیے جو اپنائے جانے کے لائق ہو، کسی رسم و رواج کے اندھے حکم امتناعی اور چلن کے مطابق نہیں، بلکہ دائمی قدر کے اپنے وجدان کے تعاقب میں۔۔۔۔ اُس وجدان کے جو ہر حقیقی فنکار کو پرم آتما کی دین ہوتا ہے۔ اس کے با وصف ہمارے آرٹ میں یقیناً ایک خصوصیت ہو گی جو ہندوستانی ہے، لیکن اسے ایک اندرونی خصوصیت ہونا چاہیے، کوئی مصنوعی طور سے پالا پوسا ہوا تکلّف نہیں اور اس لیے اُسے نہ تو نخل ہونے کی حد تک عیاں ہونا چاہیے نہ ہی خلاف معمول طور سے اپنا احساس دلانے والا۔ جب ہم ہندوستانی آرٹ کے نام پر سوچی سمجھی جارحیت کے ساتھ جو بذات خود ایک گزری ہوئی نسل سے آنے والی عادت پر مشتمل ہوتی ہے ایک کٹرپن کو جنم دیتے ہیں تو ہم اپنی روح کو دفنائی ہوئی صدیوں سے کھود کر نکالے ہوئے مخصوص اسالیب کے تلے دبا دیتے ہیں۔ گزشتہ کے یہ مخصوص اسالیب مبالغہ آمیز نقوش والے مصنوعی چہروں کی مثال ہیں جو سدا بدلتی ہوئی زندگی کے کھیل کا تاثر پیدا نہیں کر سکتے۔ آرٹ گم شدہ برسوں کی تنہا ابدیت پر اپنی جا سے ہلے بِن غور و خوض میں ڈوبی ہوئی کوئی رنگ برنگی سمادھی نہیں ہے۔ آرٹ زندگی کے جلوس میں شامل ہے، مستقل پیش آنے والے اچنبھوں سے خود کو کم و بیش کرتا ہوا، مستقبل کی یاترا کے اپنے پتھ پر، حقیقت کی نامعلوم سمادھیوں کی کھوج لگاتا ہوا، ایسا مستقبل جو ماضی سے اتنا ہی مختلف ہے جتنا درخت بیج سے۔
آرٹ کبھی نہ ختم ہونے والی تخلیقی روح کی رونق و شان کو ظاہر کرتا ہے۔ وہ مانگنے میں بھی سخی ہے اور سرفراز کرنے میں بھی سخی۔ وہ اپنی ہیئت میں یکتا ہے اور اثر انداز ی میں آفاقی، وہ کُل کے لیے مہمان نواز ہے کیوں کہ اس کے پاس وہ دولت ہے جو اس کی اپنی ہے۔ اس کا زاویۂ نظر نیا ہوتا ہے چاہے منظر پرانا ہو۔ عمدگی کا اس کا اپنا خاص معیار اس کے اپنے اندر ہوتا ہے اس لیے ایسوں کے فصیح و بلیغ ڈراو وں سے جنھیں تخلیق کے نازک رازوں کی ہوا بھی نہیں لگی ہے جو اپنے درسی ضابطۂ قانون سے اس کو آسان بنانا چاہتے ہیں جو خود اپنی بے ساختگی میں قطعاً آسان ہے، بجائے مطابقت اختیار کرنے کے انھیں حقارت سے رد کر دیتا ہے۔
ایک قوم کے آرٹ کا آدرش روایت کی محدود مٹی میں مضبوط جڑ پکڑ کر اپنے میں نبات کی خصوصیت پیدا کرسکتا ہے اور پھر وہ اکتا دینے والی یکسانیت سے پتے اور پھول پیدا کرتا رہے گا۔ چوں کہ ہر اس آرٹ کے پیچھے ایسا دماغ کلبلاتا نہیں ملتا ہے جو حاصل نہ کیے ہوئے کو حاصل کرنے کی فکر میں رہتا ہو، اور چوں کہ اسے ایسی عادت جو بڑی پارسائی سے تجربوں کی ترغیبوں سے باز رکھتی ہے استحکام بخشتی ہے، نہ اُسے عوام کی ترقی پذیر زندگی سے مدد ملتی ہے نہ ہی وہ اُس زندگی کو نہال کر سکتا ہے۔ وہ ماہرین کے حلقوں میں محدود رہتا ہے جو نازک توجہ سے اس کی پرداخت کرتے ہیں اس کی لطیف قدیم مہک پر فخر کرتے ہیں جو اُن کے نزدیک اس کی اس شان میں ہے کہ وہ خواص کے لیے ہے۔ وہ ایسا دھارا نہیں ہے جو جس زمین میں بہتا ہے اس کی آبیاری کرتا ہے بلکہ ایک طُرفہ شراب ہے جسے اندھیرے تہہ خانے میں زیر زمین رکھا گیا ہو اور جو اپنی مصنوعی پرورش سے پیدا کی ہوئی بانجھ کہنگی کی وجہ سے ایک خاص اُبھارنے والی خصوصیت اپنے میں پیدا کر لے۔ حرکت کی آزادی کے بدلے میں جو زندگی سے بھری ہوئی جوانی کا حق ہوئی ہے، ہمارے ہاتھ غیر متحرک بوڑھی کاملیت آتی ہے جس نے اپنی دانائی کوٹھوس گول مول مقولوں میں ڈھال رکھا ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے ایسے بھی ہیں جو ایک بچے کو اس کی دادا دادی کی عمر کا لگنے کو سود مند سمجھتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ وہ بڑے ہونے کے جوکھوں اور تکلیف سے بچ جائے اور ان کے خیال میں ایک آرٹسٹ کے لیے یہ عزت کی معراج ہے کہ وہ آہستہ آہستہ روایت کی جوڑ جوڑ کر بنائی ہوئی کسی میراث کی مدد سے یکسانیت کی آسان کامیابی اپنے لیے پیدا کر لے۔
لیکن اگر ہم آرٹ کی پروش میں روایت کو یکسر ٹھکرا دیں تو یہ سمجھیے ہم دوسری سمت میں بہت آگے نکل گئے ہیں اور یہ کہنا بھی کہ عادات کا واحد اثر ہمارے ذہن کو مُردہ کر دینے میں ہے، سچائی کا ادھورا بیان ہو گا۔ جو روایت مدد گار ہے وہ اس نالے کی طرح ہے جو دھارے کے بہنے میں معاون ہوتی ہے۔جہاں پانی تیزی سے آگے کو بہہ رہا ہوتا ہے وہ کھلی ہوتی ہے جہاں اس کے اِدھر اُدھر مڑنے کا خطرہ ہوتا ہے وہ اس کی حفاظت کرتی ہے۔مگس کی زندگی اپنی عادت کی بند نالی میں کہیں سے کھلی نہیں ہے۔ اس کی زندگی بس کاملیت کے تنگ دائرے میں گھومتی رہتی ہے۔ انسانی زندگی بھی وقت کے آزمودہ اپنے اصول رکھتی ہے جو اس کی ترتیب یافتہ عادات پر مشتمل ہیں۔ جب یہ قوانین باڑھوں کا کام کرتے ہیں تو نتیجہ تمام و کمال ہو سکتا ہے۔شہد کی مکھی کے چھتّے کی طرح ہیئت کی درستی میں بے عیب، لیکن اُس دماغ کے لیے نامناسب جس کے اندر ترقی کے ان گنت امکانات ہوتے ہیں۔
] خطبے کو [ ختم کرنے سے پہلے میں اس موقع سے کام لیتے ہوئے اپنے آرٹسٹوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے پیشے کی عظمت کو پہچانیں۔ان کا پیشہ زندگی کے تیوہار میں تخلیقی طور سے حصہ لینے کا ہے اور یہ تیو ہار ہے درونِ انسان موجود لامحدودیت کے اظہار کا۔ اپنی روز مرہ کی دنیا میں ہم عُسرت میں گذارا کرتے ہیں اس میں ہمیں اپنے وسائل کو کفایت شعاری سے تصرف میں لانا پڑتا ہے، ہماری توانائی پست پڑ جاتی ہے اور اپنے خدا کے سامنے جب ہم پہنچتے ہیں تو بھکاری ہوتے ہیں۔تیو ہار کے دنوں پر ہم اپنی دولت کی نمائش کرتے ہیں اور اُس سے کہتے ہیں ہم بھی ویسے ہی ہیں جیسا وہ ہے اور خرچ کرتے ہوئے گھبراتے نہیں۔ یہ وہ دن ہوتا ہے جب ہم اُس کو اپنی مسرت کا تحفہ پیش کرتے ہیں کیوں کہ خدا سے ہم حقیقت میں اُس وقت ملتے ہیں جب ہم اس کے حضور اپنے نذرانے لیے آتے ہیں نہ کہ حاجتیں، اور وہ نذرانے اپنے اظہار کے لیے آرٹ کے طلبگار ہوتے ہیں۔
جس وشال دنیا میں مَیں نے جنم لیا ہے اُس کے بارے میں میرے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ سورج اس کا انتظار نہیں کرتا ہے کہ میں اُسے کتروں۔ لیکن صبح سویرے ہی سے میرے وجود کی چھوٹی سی دنیا سے میرے خیالات بھر جاتے ہیں۔ اس کی اہمیت اس حقیقت میں ہے کہ مجھے ایک دنیا دی گئی ہے جس کا دارومدار اپنی کاملیت کے لیے میری اپنی تخلیقی روح پر ہے۔ یہ دنیا مہان ہے کیوں کہ میرے پاس وہ شکتی ہے جو اُسے اُس ناتے کے یو گیہ بناتی ہے جو اُس میں اور مجھ میں ہے، یہ دنیا اس لیے مہان ہے کہ اس کی مدد سے میں اپنی میزبانی تمام دنیا کے خدا کے حضور پیش کر سکتا ہوں۔
صبح کو سورج چمک دمک لیے آتا ہے جھُٹ پُٹے میں ستارے اپنی روشنیاں دکھاتے ہیں۔ لیکن یہ ہمارے لیے کافی نہیں ہیں۔ جب تک ہم اپنے چھوٹے چھوٹے دیے نہیں جلا لیتے ہیں آسمان میں روشنی کی دنیا عبث ہے، اور جب تک ہم اپنی تیاریاں نہیں کر لیتے ہیں دنیا کی تیاریوں کی دولت ایسے منتظر رہتی ہے جیسے ایک بنسری انگلیوں سے چھُوئے جانے کی۔
ہو۔ایک مکمل تخلیق کے لیے اس کے اندر بیٹھے ہوئے آرٹسٹ کو آزادی ہونی چاہیے ایسے آرٹسٹ کو جس کا ایک مدّعا کامیلت ہوتا ہے منفعت نہیں، جس کے تئیں قیمت کی وہ توقیر ہوتی ہے جو مادی کامیابی کو حقارت سے دیکھتی ہے اور جس کے پاس وہ اولوالعزمی ہوتی ہے جو مشکلات، ہمت شکنی اور احتیاج کے مقابل درُونی تکمیل کے آدرش کی جُو یا رہتی ہے۔ اور تب کہیں جا کے اس کی دنیا خدا کی دنیا کا سچا جواب دے پاتی ہے جیسے اپنے پریمی کی مہتو (بڑائی) کے جواب میں ایک استری کی مدھُرتا۔
یہ آرٹسٹ کی ذمے داری ہے کہ وہ دنیا کو یاد لائے کہ اپنے اظہار کی سچائی سے ہم سچ میں پنپتے ہیں۔ جب انسان کی ترتیب دی ہوئی دنیا اس کی تخلیقی روح کی کم اور کسی طاقت کے مقصد کے لیے بنائے ہوئے مشینی آلے کی مظہر زیادہ ہو جاتی ہے تو وہ کرختگی اختیار کر لیتی ہے اور زندہ بڑھوتری کی نازک معنی خیزی کے عوض اس کے ہاتھ مہارت آتی ہے۔ اپنے تخلیقی کاموں میں آدمی فطرت کو اپنی زندگی اور محبت میں جذب کر لیتا ہے۔ لیکن اپنی افادیت کی طاقتوں کو وہ فطرت سے جنگ کرنے کے کام میں لاتا ہے، اُسے اپنی دنیا سے نکال کر باہر کرتا ہے اپنی ہوسنا کی کی بدصورتی سے اُسے بد وضع اور غلیظ کر ڈالتا ہے۔ آدم کی ساخت کی ہوئی یہ دنیا اپنی بے تال اور بے سُر چیخوں اور خود پسندی سے اس کے دماغ میں ایک ایسی کائنات کا مقصدی خاکہ ثبت کر دیتی ہے جس میں فرد کا لمس نہیں ہوتا اور اس لیے نہ ہی بالآخر اس کا کوئی مقصد ہوتا ہے۔ تمام عظیم تہذیبیں جو معدوم ہو چکی ہیں اپنے
انجام کو اسی طور انسانیت کے اظہار میں پہنچی ہوں گی: دولت سے جنم لینے والے بہت بڑے پیمانے کے ایک دوسرے کے جسم پر پکنے سے آدمی کے مادی وسائل سے چمٹے رہنے کی اعتقاد سے، حقیقت کو جھٹلانے اس سے انکار کرنے کے تضحیکی جذبے اور سچائی کی راہ کے ہمارے آزوقے کو ہم سے چھین لینے سے۔
یہ آرٹسٹ کے کرنے کا کام ہے کہ وہ قائم و دائم اثبات میں اپنے اعتقاد کا اعلان کرے، کہ میرا ایمان اس میں ہے کہ ایک آدرش دھرتی کی فضا میں بھی پر مار رہا ہے اور دھرتی میں بھی سرایت کیے ہوئے ہے، ایک پرلوک کا آدرش جو محض تصور کی پیداوار نہیں ہے بلکہ آخری حقیقت ہے جس میں تمام چیزیں بستی ہیں اور چلتی پھرتی ہیں۔ میرا ایمان ہے کہ پرلوک کا یہ درشن سورج کی روشنی میں دیکھا جا سکتا ہے اور دھرتی کے سبزے میں آدمی کے چہرے کی سُندرتا میں اور انسانی محبت کے دَھن میں اُن چیزوں میں جو بظاہر غیر اہم اور نہ بھانے والی ہیں۔ دھرتی میں ہر جگہ سورگ کی آتما جاگ رہی ہے اور اپنی آواز سنا رہی ہے۔ وہ ہمارے بھیتر کے کان میں بلا ہمارے جا پہنچتی ہے۔ وہ ہمارے جیون کی دنیا کے سُر ملاتی ہے جس سے ہماری سنگیت کی ابھیلاشا انت سے پرے پہنچتی ہے، صرف پرارتھناؤں اور آشاؤں میں نہیں، مندروں میں بھی جو پتھر میں اگنی کی لپٹیں ہیں، چتروں میں جو سپنے ہیں جنھیں امر بنا دیا گیا ہے، نِرت میں جو حرکت کے اَچل مرکز میں والہانہ دھیان ہے۔
٭
داخلی نگار خانوں کی سیر
حسن منظر کی کہانیوں نے روزِ اوّل سے فکر کی متانت اور تکنیک کی پرکار سادگی سے چونکا دیا تھا۔ حسن منظر افسانہ کے نحیف پیکر میں بڑے سنگین، کثیر الجہت اور آج کے چبھتے ہوئے موضوعات سمونے کی کوشش کرتے ہیں اور وہ بھی پورے معاشرتی تناظر میں۔ یہی نہیں وہ ان موضوعات کا احاطہ نفسیاتی اور فلسفیانہ دونوں سطحوں پر ایک ساتھ کرتے ہیں۔ اس کے لئے وہ کبھی فینٹسی کا سہارا لیتے ہیں جیسے ’’زمین کا نوحہ‘‘ اور کبھی واقعیت پسندی کا جیسے ’’کانہا دیوی کا گھرانہ‘‘۔ اکثر افسانوں میں ان کا تخلیقی رویہ افسانہ کے بجائے ناول کے تخلیقی عمل سے مشابہت رکھتا ہے۔ یعنی یہ کہ وہ بڑے وسیع تناظر میں کہانی کا تار و پود تیار کرتے ہیں۔ معمولی لیکن معنی خیز جزئیات کو کہیں نظر انداز نہیں کرتے اور کئی طرح کے کردار انکی گرفت میں رہتے ہیں جن کے تضاد اور ترکیب سے وہ افسانہ میں دلچسپی کی لہریں پیدا کرتے ہیں۔ یہ تجربہ اپنی جگہ اہم سہی لیکن اس کے نتیجہ میں انکے اکثرافسانوں میں تعمیر اور تراش کی وہ دلکشی اور نکیلا پن نہیں آ پاتا جسے اکثر قارئین افسانہ میں تلاش کرتے ہیں تکنیک کے اعتبار سے وہ کہیں دستاویزی اور صحافتی انداز برتتے ہیں اور کہیں بیانیہ میں انسانی فطرت کے داخلی نگار خانوں کی سیرکراتے ہیں۔’’ مخبر ‘‘ ’’ہوا بند کیوں ہے ‘‘ ’’ ہمارے دن ہمارا زمانہ‘‘ ایسے افسانے ہیں جو آج کی بصیرت اور حسیت سے مالا مال ہیں۔‘‘
ڈاکٹر قمر رئیس
٭٭
براہِ راست
احساسِ کمتری کا شکار تیسری دنیا مغرب کی سندِ اعتراف کے بغیر کسی بھی تھیوری، نظریے، تخلیق یا تخلیق کار کو مستند گرداننے میں ہمیشہ لیت و لعل کیا کرتی ہے !
آج کی بزم کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حسن منظر صاحب اس قدر با کمال شخصیت کے مالک ہیں کہ آپ نے نہ صرف پیشہ وارانہ طب بلکہ تخلیقی ادب میں بھی وطن اور وطن سے باہر اس قدر شہرت و ناموری کمائی ہے کہ علمی و ادبی حلقے اُن کی جانب ہمیشہ تشکر و احترام کی نگاہِ التفات وا رکھتے ہیں !!
ڈاکٹر صاحب چونکہ مشرقی روایات کے سچے اور پکے امین ہیں اس لیے شہرت اور نام و نمود سے ہمیشہ احتراز کیا کرتے ہیں یہی سبب اہلِ قلم کی نوجوان نسل سے ڈاکٹر صاحب کے کمزور تعلق کا بھی بنتا ہے، آج کی بزم میں ہم نے یہ اہتمام خصوصی طور پر کیا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کے علمی، ادبی، تحقیقی اور تنقیدی کارناموں کو مربوط شکل میں آپ کے روبرو پیش کر کے ڈاکٹر صاحب کی خوبصورت تخلیقی شبیہ کو کچھ اس انداز سے نمایاں اور واضح کیا جائے کہ آج کے قاری کے ساتھ آنے والے زمانوں کا قاری بھی ڈاکٹر صاحب سے فیضان علم اٹھاتا رہے !!!
گلزار جاوید
٭ابتدائے عشق سے آغاز، ماضی بعید اور ماضی قریب کے بہت سے گم گشتہ اوراق کی بازیافت کا وسیلہ بن سکتا ہے ؟
٭٭کسی ایک فرد کی کہانی کو آپ کہیں سے بھی شروع کر سکتے ہیں۔ صرف ابتدائے عشق ہی سے نہیں، بشرطیکہ جہاں سے آپ شروع کرتے ہیں وہ اس کی زندگی کا اہم موڑ ہو۔ مشہور ادیبوں نے کہیں کسی کی شادی کے دن سے اُسے کھوجنا شروع کیا، کسی نے اس کی موت سے، اس دن سے جب وہ اپنی محبت کے Object کھو بیٹھا، یا جسے اس نے اپنی زندگی کا مشن ٹھہرا رکھا تھا اُسے خیرباد کہنا پڑا۔ محبت کا اوبجیکٹ کوئی بھی، کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ اور ہاں ان گنت قصہ گو یہ کہانی کسی کی پیدائش کے دن سے سناتے اور لکھتے آئے ہیں۔
٭اچھی کتابوں کی تلاش اور مطالعے کے اعلیٰ ذوق کا کریڈٹ آپ اپنے والدین کو دیا کرتے ہیں۔ تخلیقی وصف کی دریافت اور تراش خراش کا سہرا کس کے سر بندھتا ہے ؟
٭٭اساتذہ میں سے چند ایک کو، دوستوں اور ملنے والوں میں سے دو ایک کو۔ لیکن خود اپنے کو کیونکہ جب بغیر کسی کے کہے کچھ لکھ بیٹھتا تھا اور اس سے مطمئن ہو کر جو خوشی ملتی تھی وہی وقتاً فوقتاً لکھنے پر اکساتی تھی۔ یہ ایک نفسیاتی عمل ہے : کام کیا خوشی ملی، ویسا ہی کام دوبارہ کرنے کے لیے شہ ملی۔ جو اساتذہ تعلیم میں میری محنت کو سراہتے تھے وہی اس تحریر کو بھی پڑھنا چاہتے تھے جو میں انہیں دکھاتا تھا۔ یہی عمل والد، والدہ چھوٹی بہنوں، بیوی اور بیٹیوں کا رہا۔
٭ہجرت کے وقت آپ اپنی تعلیمی اسناد ہندوستان بھول آئے تھے۔ وہ کب اور کس طرح آپ کو واپس مل سکیں ؟
٭٭نہیں میں ہجرت کے وقت وہاں بہت کچھ چھوڑایا تھا۔ ان میں دادا کی، والد، والدہ کی اور میری کتابیں تھیں۔ جن کا تعلق ا سکول سے نہیں تھا، بہت سی اسٹیشنری (جس کا مجھے ہمیشہ سے ’’ہوکا‘‘ رہا ہے ) گھر بھر کا سامان تھا، والدہ نے باسمتی چاول شاید پانچ دس سیر ایک لوہے کی ٹنکی میں آئندہ کے لیے رکھ رکھے تھے کیونکہ دوسری عالمی جنگ کے بعد پسند کا اناج مشکل سے ملتا تھا۔ میرے سابقہ استاد بھگت رام شرما صاحب نے زائد مطالعے کے لیے کچھ کتابیں دے رکھی تھیں کہ ہائی اسکول کے امتحان میں اعلیٰ کامیابی کے لیے مدد گار ہوں گی اور ارادہ تھا جب چند ماہ بعد پاکستان سے واپس آئیں گے اُنہیں ان کی کتابیں پہنچا دوں گا، وہ چارپائیاں باورچی خانے کی چیزیں، چاول سب کام میں آئیں گے۔ پھر جیسی کہ خبر گرم تھی دونوں ملکوں میں آنا جانا رہے گا، تب میں اپنے میڈل، کپ اور دیگر انعامات پاکستان لے جاؤں گا۔ تو صاحب وہ سب میں نے وہیں چھوڑا تھا اور والد، والدہ نے بھی۔ کورس کی کتابیں اور اسناد ساتھ لے گیا تھا کہ جہاں جا رہے ہیں کام آئیں گی۔ وہ سارا سامان جن صاحب کے حوالے مکان کر کے آئے تھے وہ بچھراؤں لے گئے کیونکہ مکان کو متروکہ جائداد قرار دے کر اُن سے خالی کرا لیا گیا۔ جب ۱۹۸۳ء میں مراد آباد گیا طبیعت پر مُردنی چھائی تھی محلّوں کی آبادی بدل چکی تھی۔ پہچانے ہوئے چہرے کراچی میں تو نظر آئے تھے جہاں کے تھے وہاں نہیں۔ ایک عزیز نے کہا بچھراؤں میں آپ کی کچھ کتابیں پڑی ہیں، میں گیا تھا تو یہ کتابیں لے آیا۔ آپ چاہیں تو لے جائیے۔ میں نے کہا آپ رکھئیے اور بچھراؤں نہیں گیا۔ اسناد کو وہاں بھول آنے کا مغالطہ میری اس کہانی کو پڑھ کر آپ کو ہوا جس میں میں نے لاہور کے شاہی قلعے میں اس فرنیچر اور گھریلو سامان کے نیلام کا بیان کیا ہے جو ہندو اور سکھ گھروں میں چھوڑ گئے تھے۔ وہیں ایک لڑکی کا سرٹیفکیٹ بھی نظر آیا تھا۔ وہ پورا سین میرے لیے سخت دکھ دینے والا تھا۔ پر کیا کیا جائے۔ دنیا میں یہ سب ہوتا رہا ہے اور ہوتا رہے گا۔
٭اوائل عمر میں کھیلوں سے آپ کی دلچسپی اور اُن کی بابت خدشات کا قصّہ کیا ہے ؟
٭٭مجھے تیرنے، کشتی رانی، بیڈمنٹن اور شطرنج کا شوق رہا ہے۔ ہاکی بھی کھیلنی پڑی، فٹ بال اور کرکٹ بھی اور ایک دفعہ اللہ نے بچایا، بوکسنگ میں بھی حصہ لینا پڑا تھا۔ ہلکی سی انگلی میں چوٹ لگی، اچٹتی ہوئی سر کو چوٹ اور میں دوبارہ اپنے اصول پر لوٹ آیا: مجھ میں اور سخت گیند میں قابل تعریف فاصلہ رہنا چاہیے۔ نہ میں اس کا کچھ بگاڑوں گا نہ وہ میرا کچھ بگاڑے۔ شطرنج مراد آباد سے لاہور میں وارد ہونے کے بعد ریلوے کیمپ میں لوگوں کو کھیلتے دیکھ کر آ گئی۔ عالمی طرز کی شطرنج ہالینڈ کے جہاز پر کپتان ہومانز نے سکھائی جس پر میں ملاح بھی تھا اور طبیب بھی۔ میڈیکل کالج کے دور میں دوستوں کو ہوسٹل میں تاش کھیلتے دیکھ کر پتہ پڑا تاش کے پتوں کے کیا کیا نام ہوتے ہیں۔ پھر بھی اِکّے کو عادت کے مطابق ایلفا کہتا تھا اور اس پر جو دوست کہتے تھے اس کا لطف لیتا تھا۔ چند کام اور کھیل میں جانتا ہوں مرتے دم تک نہ آئیں گے اس کا افسوس ہے : پتنگ اڑانا۔ والد صاحب نے ایک دفعہ سکھانا چاہا پھر بھی نہ سیکھ سکا، کنچے اور گلی ڈنڈا کھیلنا اور پیٹر پر چڑھنا۔ آخری دو کام بھی مہلک ہو سکتے ہیں اُن سے بچنا چاہیے یہ کہہ کر دل کو تسلی دے لیتا ہوں۔
٭فلم انڈسٹری سے آپ کو کب، کہاں، کیسے شغف ہوا اور اس کا انجام کیا ہوا؟
٭٭انگریزی ادب کا ذوق والد صاحب کا پیدا کیا ہوا ہے۔ فلم وہ بس کبھی کبھار لے جاتے تھے انہی کے ساتھ جا کر میں نے پریم چند کی رنگ بھومی (چو گان ہستی) دیکھی تھی۔معمولی فلم تھی۔ ایک دفعہ گورکھپور سے لوٹتے ہوئے ہم نے لکھنؤ میں فلم پکار دیکھی۔ سہراب مودی کی، وہ پہلی فلم تھی جس کی کہانی پوری طرح سمجھ سکا اور یاد رہی۔ اس کے بعد چنیدہ فلمیں والدہ کے ساتھ دیکھتے تھے، بڑی بہن اور میں۔ پکار کے بعد گھر آ کر اخبار کی چند تصویروں کو ایک کوٹھری کو اندھیرا کر کے دیوار پر پروجیکٹ کرنے کی کوشش کی۔ یہ باتیں ا سکول میں داخلے سے پہلے کی ہیں۔ بعد میں فلم دیکھتا تھا وہ اس طرح محفوظ ہو جاتی تھی جیسے میں نے اس کا شوٹنگ ا سکرپٹ پڑھا ہے۔ بعد میں مطالعے سے پتہ چلا ان شوٹس کے نام کیا کیا ہیں۔ میں اسے فلم کی گرامر کہتا ہوں اور ان ہستیوں کے لیے میرے دل میں عقیدت ہے جنہوں نے فلم انڈسٹری (یا آرٹ) کے بچپن ہی میں یہ گرامر وضع کی تھی۔مثلاً ڈیوڈ وار وِک کی گرفتھ فلم Birth of a Nation اس زمانے میں مقررہ فوکس کے کیمرے ہوتے تھے۔ کسی چہرے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے ان کے پاس ۱۹۱۵ء میں کیا ذریعہ تھا؟ صرف ایک جس کا استعمال انہوں نے کیا۔ تصویر کے اس فریم میں باقی تفصیل یا چہروں پر سیاہ نقاب لگا دو۔یہ لوگ تھے اس نئے آرٹ فورم کی گرامر کے خالق یا دریافت کرنے والے۔ انہوں نے جب فلم اپنے بچپن میں دیکھی تھی کون سا موضوع تھا جسے اس کے لئے نہیں چُنا کہ یہ مشکل ہے ! ایک مکمل ا سکرین پلے مع شوٹنگ کی تفصیل کو کالج کے زمانے میں لکھا جو ڈائریکٹر مرتضیٰ جیلانی (خدا کرے حیات اور تندرست ہوں )کی پسند پر پورا اترا۔ مگر اس کے لیے وہ خزانہ حاصل نہ کر سکے کیونکہ جس اَن بیاہتا لڑکی کی کہانی تھی اس کی عمر چالیس سال تھی۔ڈائریکٹر شوکت حسین رضوی کو بھی وہ ا سکرین پلے بہت پسند آیا لیکن اُسے ہاتھ میں لینے سے پہلے وہ چاہتے تھے میں ان کے لئے اُس ا سکرین پلے کو مکمل کروں جس کا پہلا سیکوئنس ان کے ذہن میں تھا۔لیکن اس سکوئنس نے مجھے متاثر نہیں کیا اور میں خاموشی سے فلم انڈسٹری سے واپس آ گیا۔ اس دور میں فلم کی کئی ایک ہستیوں سے مری ملاقات تھی۔ میری فلم کی تعلیم میں اُن فلم کی بڑی ہستیوں اور ان کی بنائی ہوئی فلموں کو بڑا دخل رہا ہے جن کے نام فلم کی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والوں کے قلم پر ہمیشہ سے رہے ہیں۔
٭ایک تخلیق کار بالخصوص افسانہ نگار میں کن خصوصیات کا ہونا ضروری ہے اور آپ کے خیال میں اُن پر آپ کس قدر پورا اُترتے ہیں ؟
٭٭ایک تخلیق کار بالخصوص افسانہ نگار، ناولٹ، ڈرامسٹ اور نئے تخلیقی ا سکرین پلے رائٹر کے پاس بغیر جانے ہوئے چند عطیات قدرتی ہوتی ہیں : مشاہدہ اور مشاہدے کے پشت سے ابھرنے والی تھیم۔ عام انسان کے پاس بھی مشاہدہ ہوتا ہے لیکن جو وہ دیکھتا ہے وہ اُسے ممکنات کی دنیا میں زیادہ دور نہیں لے جاتا ہے۔مثلاً ایک کم عمر خاتون کی ایک عیاش بڑی عمر کے آدمی سے شادی ہو رہی ہے۔ وہ اس کے بارے میں سن کر یا نکاح ہوتے دیکھ کر ملول ہوتا ہے کہ یہ غلط ہے۔ دونوں میں نبھے گی نہیں، لڑکی غمزدہ رہے گی۔ لیکن ادبی تخلیقی ذہن رکھنے والے فرد کے سامنے اور کتنے ہی امکانات ہوتے ہیں۔ غیر شعوری طور سے ان میں سے بہت سے اس کے ذہن سے اِدھر اُدھر گر جاتے ہیں۔ اور جو چند رہ جاتے ہیں ضروری نہیں وہ ان میں سے کسی ایک کو کام میں اپنی اگلی تحریر میں لے آئے۔ یہ ذہن میں بچ رہنے والے تصورات مزید مشاہدوں سے ہمکنار ہو تے ہیں اور جب وہ لکھنے بیٹھتا ہے تو اگر وہ سوچ بچار سے لکھنے والا ادیب ہے تو اس کے اندر چھپا ہوا سینئر اسے آگاہ کرتا ہے یہ موضوع پہلے بھی فلاں لکھنے والے کے قلم سے نکل چکا ہے، یا یہ کہ نہیں اس موضوع پر قلم اٹھانا ذمے داری کا کام نہیں ہے، یا یہ کہ اگر با مقصد تحریر اس کے شعور کا حصہ ہے تو سینئر روک دیتا ہے : ’’کیا فائدہ اس کہانی کو وجود میں لانے کا؟‘‘
اپنے بارے میں میں صرف اتنا کہوں گا جس طرح شاعر حضرات اپنے پیچھے ان گنت ایسے مصرعے چھوڑ جاتے ہیں جو شعر نہ بن سکے میرا ادھوری کہانیوں کا ذخیرہ مکمل کی ہوئی کہانیوں سے کہیں زیادہ ہے۔
٭کہا جاتا ہے کہ آپ کی کہانی اپنے مرکز سے کبھی دور نہیں ہوتی۔ اس رائے میں اشارہ کس مرکز کی جانب ہے اور اس کا تعین کب اور کیونکر ہوا؟
٭٭مجھے نہیں معلوم کس نے اور کب میری تحریر کے بارے میں کہا تھا میری کہانی اپنے مرکز سے کبھی دور نہیں ہوتی ہے۔ اگر مرکز سے مراد یہ ہے کہ ہر کہانی میں ایک مرکزی خیال ہوتا ہے، وہ واقعاتی ہو، نفسیاتی یا مقصدی تو ہاں صاحب میں خیالات کے بے ترتیب ہونے کا شکار نہیں ہوں disorder of Thought کی بیماری وللہ باللہ مجھے نہیں ہے۔ جو منھ سے نکلتا ہے اور جو قلم سے چاہتا ہوں جس سے خطاب ہو اس تک اس کی رسائی ہو۔ میرے نزدیک ہر پڑھنے والا قابل احترام ہوتا ہے۔ میں ادھوری یا الجھی ہوئی بات سے اُسے پریشان نہیں کرنا چاہتا ہوں۔
٭افسانوں کی نسبت آپ کو کس قسم کے حکم نامے ملا کرتے ہیں اور کہاں سے ملا کرتے ہیں ؟
٭٭افسانوں کی نسبت مجھے بس ایک ہی قسم کے حکم نامے ملتے ہیں : افسانہ بھیجئے۔ بعض لکھتے ہیں ’’بابا بس ایک افسانے کا سوال ہے ‘‘ اور بعض بے رحمی سے بیک وقت دو افسانے طلب کر بیٹھتے ہیں جب کہ باقاعدگی سے میں مہینوں میں ایک افسانہ بھی نہیں لکھ پاتا ہوں۔ وجہ مصروفیت۔
٭آپ اپنی کہانیوں میں خوبصورتی، سچائی، مقصدیت اور افادیت کے متلاشی ہوا کرتے ہیں۔ کہانی نہ ہوئی بارہ مصالحے کی چاٹ ہو گئی کہ ٹھوک بجا کر تمام اجزائے ترکیبی ہم وزن کر دیئے جائیں ؟
٭٭خوبصورتی، سچائی، مقصدیت۔ آپ کی ترتیب غلط ہے۔ سنسکرت ڈرامے کے لئے یہ تین شرائط اس ترتیب سے رکھی گئی تھیں : ستیم، شِوم، سندرم۔ پہلی چیز سچائی ہے اور وہ ہر آرٹ فورم کے لئے ضروری ہے۔ دوسری شِوم یعنی مقصدیت، تیسری سندرم۔ ادبی نشستوں میں بات یوں ہوتی ہے۔ شعر وزن کے اعتبار سے درست ہے یا نہیں۔ آخیر میں احساس ہوتا ہے (سب کو پھر بھی نہیں ) کہ جو کہا گیا اُس میں خوبصورتی تھی لیکن معنی اور مقصد کا دُور دُور پتہ نہیں ہے۔ معنی سے مراد سچائی ہے۔ ان تین اجزاء کا نام شکنتلا، ہمیلٹZneen of shades، جرم اور سزا ہے۔
٭کیا واقعی آپ رومان پسندی سے گریزاں ہیں اگر ہیں تو اس کے اسباب کیا ہیں۔نیز کبھی کسی مرحلے پر آپ کو اپنی تخلیقات میں اس جذبۂ لطیف کی کمی کا احساس نہیں ہوتا؟
٭٭رومان پسندی سے مراد اگر یہ ہے کہ دلہن خوبصورت جب ہی لگے گی جب اس کا میک اپ کیا گیا ہو، وقت کا قیمتی جوڑا اس کے زیب تن ہو اور زیوروں سے لدی ہو تو صاحب یہ سب اس کے عیبوں کو چھپا نہیں سکے گا۔ مجھے اس تفصیل کا جو علیحدہ سے ہو کسی بھی ادیب کی تحریر میں کمی کا احساس نہیں ہوتا ہے۔ جو بات بڑھا چڑھا کر کسی موقع یا کسی کردار یا دو کرداروں کے مابین رد عمل کو خوبصورت بنانے کے لئے کہی جاتی وہ ایسا سونا ہوتا ہے جس کے لئے پچھلے کہہ گئے ہیں کہ اس سے پہننے والی کے کان ٹوٹتے ہیں۔ رومانیت تحریر سے زمین سے پھوٹنے والے سونے کی طرح ابھرنی چاہیے۔ مگر کیا ضروری ہے دوسرے بھی میری اس رائے سے متفق ہوں !
٭آپ کے ہاں واقعات سے زیادہ تجزیئے پر زور دیا جاتا ہے۔ اس عمل کو ہم کس زاوئیے سے جانچیں اور پرکھیں ؟
٭٭واقعات سے زیادہ تجزئیے پر میں زور دیتا ہوں یہ بات میں اپنی تحریر کے بارے میں نہیں کہہ سکتا ہوں۔ ہو سکتا ہے ایسا ہی ہو اور یہ بھی ممکن ہے تجزئیے سے زیادہ واقعے پر زور دیتا ہوں۔ جس طرح بھی ہو یہ غیر شعوری عمل ہے۔ لکھتے وقت یہ باتیں اسی شکل میں تحریر پر کار فرما نہیں ہوتی ہیں۔ مکمل کردہ تحریر میں زیادہ امکان اس کا ہے کہ ہر دو صحیح تناسب میں موجود ہوتی ہیں۔
٭آپ کی کہانی وجودیت کے فلسفے سے آلودہ نہیں ہوتی۔ یہ عمل ارادی ہے تو اس کا سبب اور نہیں ہے تو اس کا جواز؟
٭٭جو اوپر کہا ہے وہی اس سوال کے جواب میں کہہ رہا ہوں۔ فکشن کی ہر فورم میرے ذہن میں ایک تخیل سے ابھرتی ہے اور وہ تخئیل وجود یعنی حیات سے تعلق رکھتا ہے۔ کردار اپنی روح اور پوشاک، خوبصورتی، بدصورتی، اپنے ارد گرد کے بارے میں اپنی رائے رکھتے ہیں۔ جی ہاں سب کچھ۔ یہ تو ممکن ہے افسانہ نگار یا نو ولسٹ اپنے کسی کردار کے مکالمے ایڈٹ کرے یا ان پر سینسر عائد کرے لیکن وہ اس کے منھ یا اس کے عمل کو نہ کسی خاص فلسفے کا رنگ دے سکتا ہے نہ کسی فلسفے کا فتویٰ لگا کر اُسے خاموش کر سکتا ہے۔
٭آپ کو بہت سے تجربات کا ذمہ دار بھی گردانا جاتا ہے۔ ایک اشتیاق تجربات کی نشان دہی دوسرا اس عمل کے اثرات کی نسبت ہے ؟
٭٭بھائی آپ مجھے کن کن تجربات کا ذمے دار قرار دے رہے ہیں یہ تو آپ نے بتایا ہی نہیں ہے۔ وللہ باللہ ایسا کبھی نہیں ہوا ہے کہ پہلے میں نے طے کیا ہو یہ تجربہ ادب میں نیا ہو گا اور پھر اُسے آزمانے کے لئے اُس پر افسانے یا ناول کا جامہ پہنایا ہو۔ اگر ایسا ہوا ہے تو میں ممنون ہوں گا اگر پڑھنے والے یا ناقد مجھے بتائیں کہ ’’آپ نے یہ نیا کام کیا ہے۔ آپ سے پہلے یہ اسلوب کسی نے نہیں برتا تھا‘‘ اگر ایسا کبھی ہوا تو اپنی وقعت میری نظر میں بڑھ جائے گی۔
٭آپ کی زباں دانی کے چرچے عام ہیں اس حوالے سے بہت سے سوالات پیدا ہوتے ہیں اوّل یہ ہنر آپ کو کس طور حاصل ہوا، اس کو آپ نے اپنی تخلیقات میں کس طرح برتا، اُس کا ردّ عمل کس طرح کا ہوا، آج کے دور میں زباں دانی کی کوئی حیثیت برقرار بھی ہے کہ نہیں ؟
٭٭زبان دانی کی حیثیت ہمیشہ مسلّم رہے گی۔ صرف اردو میں نہیں، تمام بولی جانے والی زبانوں میں۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ادبی زبان کی کوئی مستحکم شکل نہیں رہ جائے گی۔ آپ نے دیکھا ہے انگریزی میں لکھنے ولے صرف برطانیہ، ریاستہائے متحدہ امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا وغیرہ ہی کے نہیں ہیں، اُن کتنے ہی ملکوں کے ہیں جہاں مائیں اپنے بچوں کو کہانیاں اپنی زبان میں سناتی ہیں، جہاں گھروں میں کوئی اور زبان راج کر رہی ہے اور سرکاری اور تجارتی زبان انگریزی ہے۔ اہم بات یہ ہے ان تمام ’’غیر انگریزی ملکوں ‘‘ کے اساتذہ اس پر زور دیتے ہیں کیا درست ہے، کیا نادرست۔ جی ہاں گرامر کی غلطی کہیں بخشی نہیں جاتی ہے۔ ایسا نہ ہو تو زبان ایسی ہانڈی بن جائے جس میں بیک وقت شکر، نمک، مرچیں اور باورچی خانے کی ہر ممکن چیز ڈالی گئی ہو۔ مقامی زبان کے الفاظ اگر اس طرح اپنا لئے جاتے ہیں کہ ان کا مطلب ہر پڑھنے والے پر واضح ہو گا لیکن جس زبان کے کام آئیں اس کی ساخت نہ بگاڑ دیں تو یہ اچھا ہی ہے۔ بعد میں وقت فیصلہ کرتا ہے وہ اپنانے والی زبان کا حصّہ بنے یا نہیں۔
مجھے جتنی زبان آتی ہے، جو زبان نہیں آتی ہے، وہ میرے گھر، گھرانے، خاندان، شہر اور تعلیمی اداروں کا عطیہ ہے۔ اور جتنی آ گئی اُسے صحیح طرح برتنے اور اس میں اضافہ کرنے کے لیے میں ان ادیبوں اور شاعروں کا ممنون ہوں جنہیں میں نے پڑھا، ابھی تک پڑھ رہا ہوں۔ ان میں اردو، ہندی، فارسی، تھوڑے عربی شامل ہیں۔ میرے بعض اساتذہ اچھے شعر گو تھے۔ انہوں نے ہائی ا سکول تک پڑھایا لیکن اگر آج بھی مل جائیں اور میں چند گھڑی ان کے سامنے سر جھکا کر بیٹھوں تو مزید کچھ حاصل کر کے ہی اُٹھوں گا۔
جب لکھنا باقاعدگی سے شروع کیا اکثر والدہ سے پوچھتا تھا یہ بات یوں ہے یا یوں ؟ اور وہ جو جواب دیتی تھیں وہ ہمیشہ صحیح ہی نکلا۔ اب وہ تو نہیں ہیں بیوی، ڈاکٹر طاہرہ سے پوچھ لیتا ہوں۔ اصل میں وہ عورتیں جو انگلش میڈیم کی پڑھی ہوئی نہیں ہوتی تھیں نہ کونونیٹ کی انکی زبان پاک ہوتی تھی اور پاک ہوتی ہے۔ اس میں محاروں کا درست استعمال ہوتا ہے، جملوں میں الفاظ کی صحیح نشست۔ خود وہ جنہیں ادب میں اساتذہ گنا جاتا ہے ان کی دین بے اندازہ ہے۔ اُن کی اس دین سے فائدہ اٹھانے والا چاہیے۔
٭آپ کے فرمان کے برعکس ایک حلقے کے نزدیک آپ کا اندازِ تحریر نامانوس اور رائج اردو بیانیے سے ہٹا ہوا ہے ؟
٭٭اگر میرا انداز تحریر نامانوس اور رائج اردو سے ہٹا ہوا ہے تو یہ بہت تشویش ناک صورت حال ہے۔ انہیں بہت پہلے اس سے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ اب کیا کیا جا سکتا ہے۔ بوڑھا ہوں کیسے اپنا اندازِ تحریر بدلوں جب کہ قویٰ اس حد تک مضمحل ہو چکے ہیں کہ کہتے ہیں قلم ہاتھ سے رکھ دو۔
٭آپ کے بارے ناقدین کی آرا میں تضاد پایا جاتا ہے کچھ لوگ آپ کو ابہام سے پاک افسانہ نگار قرار دیتے ہیں کچھ کے نزدیک آپ پر باب کنگ کے اثرات نمایاں ہیں اور کچھ آپ کے ترچھے نظریاتی خط کی بابت شاکی ہیں ؟
٭٭ناقدین کی آرا میں جو کہتے ہیں میری تحریر ابہام سے پاک ہے میں اُن سے متفق ہوں۔ جو میرے ترچھے نظریاتی خط کے شاکی ہیں اُن سے میں معافی کا خواستگار ہوں کیوں کہ اگر ایسا ہوا ہے تو دانستہ نہیں تھا۔ آپ جیسا کہ جانتے ہیں زندگی میں پہلے میں نے لکھنا شروع کیا۔ تقریباً ۶ سال کی عمر سے، وہ جیسا بھی تھا اور جتنا بھی۔ اس کے بعد معالج بنا۔ اور اس کے بھی ۱۲ سال بعد نفسیاتی اور دماغی امراض کا معالج۔ میرے دن کا بڑا وقت ہمیشہ میڈیسن اور سائیکٹری کے صرفے میں آیا۔ عملاً بھی اور مطالعاتی طور سے بھی۔ باقی وقت میں نے ادبی، مذہبی، سیاسی وغیرہ وغیرہ علوم کی کتابیں پڑھنے پر صرف کیا۔ ادب میں کلاسیکی ادب کل بھی میرے لئے دلچسپی رکھتا تھا آج بھی۔ مغرب کے نئے لکھنے والوں کو میں نے بہت کم پڑھا ہے۔
٭تیسری دنیا مماثلت تلاشنے کی بہت ماہر گردانی جاتی ہے آپ کے نفسیاتی برتاؤ کو بھی فرائڈ سے مماثل قرار دیا جاتا ہے ؟
٭٭فرائڈ بے چارہ اپنی اہمیت کب کی کھو چکا ہے۔ کبھی کبھی کسی مریض کے علاج میں اس کے ذہن کے دفاعی طریقے اپنی جھلک دکھلا جاتے ہیں، سب نہیں ان میں سے ایک، لیکن سگمنڈ فرائڈ اب سائیکٹرسٹ سے زیادہ ادب کے طالب علم کی دلچسپی کی ہستی ہے۔
٭محمد عمر میمن نے چیخوف اور مظفر علی سید نے جارج لوکاچ کن اسباب کی بنا پر آپ کے ہاں دریافت کر لیا؟
٭٭بھئی چیخوف یا جورج لوکاچ میری تحریر میں کیسے داخل ہو لئے اس کا جواب محمد عمر میمن صاحب ہی دے سکتے ہیں۔ مظفر علی سید نہیں رہے، اسلئے انہیں تکلیف دینے پر آپ کو آمادہ نہیں کروں گا۔
٭منشی پریم چند سے خصوصی لگاؤ اور ’’منگل سوتر‘‘ کے ترجمے کا کچھ احوال سنائیے اور یہ بھی بتلائیے کہ آپ نے منشی جی کے علاوہ کن اہلِ قلم کا تنقیدی حوالے سے جائزہ لیا ہے ؟
٭٭منشی پریم چند اُن ادیبوں میں سے ہیں جنہیں میں نے شروع ا سکول کے زمانے میں پڑھنا شروع کیا تھا پھر جہاں بھی ان کی یا ان کے بارے میں کسی کی تحریر نظر آئی ہے، وقت ہو نہ ہو، ضرور پڑھا۔ اتنا انسان دوست، آزادی کا علمبردار، غریبوں اور بے کسوں کے لیے آواز اٹھانے والا، ہر قسم کی عصبیت سے پاک ادیب میرے مطالعے میں دوسرا نہیں آیا۔ بچپن سے اُن میں، میں نے خود کو دریافت کر لیا تھا۔ تصنع سے دور، مال و دولت سے بیزار، خود غرضی اور دوسروں پر بوجھ ڈالنے کا منکر ادیب کسی زبان کو قسمت ہی سے ملتا ہے۔ انہیں کھیتوں سے محبت تھی میں اپنی زندگی کے بہترین دن انہیں شمار کرتا ہوں جب ا سکول کے زمانے میں میں نے ہل چلایا، فصل کاٹی کھلیان میں حصّہ لیا۔ برطانوی سامراج کے میں اتنا خلاف تھا کہ جب تعلیم کے لئے برطانیہ میں رہا تو عام رجحان کے خلا ف وہاں کی شہریت / قومیت نہیں لی کہ کل جن کے خلاف جدوجہد میں حصہ لیا، اپنے ملک سے نکالا اب ان کے ملک کا شہری بن کر رہوں۔
ا سکول کے زمانے سے جانتا تھا منشی جی کا آخری نو ول ادھورا رہ گیا۔ ہندی میں لکھ رہے تھے کہ چل بسے۔ اس تلاش میں رہا۔ بھارت گیا وہاں بھی ادیبوں سے اس کا تذکرہ رہا۔ بالآخر ڈاکٹر شارب رُودلوی نے مجھے منگل سوتر (ہندی) کے وہ چار باب دہلی سے روانہ کئے اور ہمت کر کے میں نے ان کا ترجمہ کر ڈالا۔ افسوس یہ ہے سورگباشی نے اپنے پیچھے وہ نوٹس بھی نہیں چھوڑے جن سے پتہ چلتا آگے وہ کیا کہنے جا رہے تھے ورنہ شاید میں اُن پر مبنی باقی ناول لکھتا۔ میرے لئے وہ ترجمہ خاصا مشکل تھا کیونکہ میں نے باضابطہ طور سے ہندی بہت کم پڑھی۔ بس چار جماعتیں، آسان ابتدائی ہندی کی۔
پریم چند گھر میں شورانی دیوی پریم چند کی تحریر میرے ہتھے فورمین کرسچین کولج کی لائبریری سے ۱۹۵۰میں چڑھی تھی۔ وہاں تمام ہندی کتابیں ایک اوپر کی منزل پے ڈبوں میں تھیں کہ اُن میں دلچسپی لینے والا ۱۹۴۷ء کے بعد کوئی نہیں رہا تھا۔
تنقیدی حوالے سے میں نے بہت کم ادیبوں کو پڑھا ہے۔ الیکنر نیڈرپشکن، ٹالسٹائی، دوستویفکی چیخوف، گورکی، رابندر ناتھ ٹیگور، ٹامس مان وغیرہ وہ چند ادیب ہیں جنہیں میں نے دلچسپی سے پڑھا۔ اردو ادیبوں کو بھی دلچسپی سے پڑھتا رہا ہوں لیکن تنقید میری قدرتی خوراک نہیں ہے۔ کم خوردن، کم گفتن، کم خفتن کا تو قائل ہوں ہی کم نوشتن کا بھی قائل ہوں کہ اُسی میں عزت اور عافیت ہے۔
٭غالب، ٹیگور، حسرت موہانی،گورکی اور ٹالسٹا ئی سے آپ کو کس نوعیت کا شغف رہا ہے اور آپ کی تخلیقات میں اُس کے برتاؤ کی نوعیت کیا ہے ؟
٭٭غالبؔ، رابندر ناتھ ٹیگور، حسرتؔ موہانی، گورکی اور ٹالسٹائی، سرسید احمد خان اور بہت سے دوسروں سے میرا زندگی بھر کا ساتھ رہا ہے۔ آپ چاہیں تو ایسے شغف کر لیجئے۔ اس پر مجھے اعتراض نہیں ہے۔ان سب کے کام کو میں نے سراہا ہے۔ ان کی زندگی کے واقعات کو ذہن میں لیے چلا پھرا ہوں، سوتے وقت یہ سب ساتھ ہوتے ہیں، ہو سکتا ہے خواب میں بھی آ جاتے ہوں۔ انہیں میں اپنا اتالیق سمجھتا ہوں۔ ادبی دنیا میں اٹھنا بیٹھنا انہی سے سیکھا۔ پھر یہ کہ ان سب کی زندگی، کام سے ان کی لگن، زندگی کے بارے میں ان کا رویہ سب اس بات کے میرے نزدیک طالب رہے ہیں کہ ان سے بہت کچھ سیکھا جائے، میرا ادبی کام براہ راست ان کے کام سے نہ ابھرا ہو مگر میری ادبی شخصیت کو ڈھالنے میں ان کا اور ان جیسوں کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔
جب میں رابندر ناتھ ٹیگور کو پڑھتا ہوں اُن سے اپنائیت محسوس ہوتی ہے۔ ایسا آدمی جو بڑھاپے تک بچوں کی طرح معصوم رہا۔ بڑا صاف گو جس کی تسبیح پورا ہندوستان پڑھتا تھا مگر جس نے گاندھی جی تک کو نوجوانوں کو تعلیم کے معاملے میں غلط راہ پرلے جانے پے للکارا، جلیاں والا باغ کے قتل عام کے احتجاج میں انگریزی سرکار کا دیا ہوا خطاب اُسے واپس لوٹا دیا۔ وقت کے ساتھ ان کی شاعری اور ڈرامہ نویسی میرے لئے اتنی پرکشش نہیں رہی ہے لیکن ان کی شخصیت اور ان کا کام اب بھی میرے لئے اتنا ہی اہم ہے جتنا تعلیمی دور میں تھا۔ یہی حال حالیؔ، سرسید اور حسرتؔ موہانی کا ہے۔
میری تخلیقات میں براہ راست ان سے استفادہ شاید آپ کو نظر نہیں آئے گا لیکن مجھ ادیب کے ادبی مزاج کے سنوارنے میں جہاں میرے والدین اور میرے اساتذہ کا بڑا ہاتھ ہے وہاں ان گنت ماضی کے ادیبوں کا بھی بڑا Contribution ہے۔ چند نام گنوا کر میں سب کا قرضہ نہیں اتار سکوں گا۔ اور پھر یہ بھی ہے بھائی کہ غالب ؔ ہماری گفتگو کا حصہ ہیں۔مجھے بھی وہ اپنی تحریر میں کہیں کہیں جھانکتے نظر آتے ہیں۔ جس طرح انہوں نے لفظوں اور جملوں کو برتا۔ بات کہنے میں اُن کا سا اختصار یہ اُن کے ساتھ ساتھ جینے کا فیض ہے۔
٭جس طرح چند اچھے شعراء کو کچھ لوگ چھوٹے سانس کا شاعر کہہ کر اُن کی کی اہمیت کم کیا کرتے ہیں اسی طرح آپ کی ناول نگاری کے بارے ایک حلقے کا تاثر یہ ہے کہ آپ پلاٹ، کردار اور ماحول عمدہ تخلیق و ترتیب دیا کرتے ہیں مگر تحریر کے وقت تمام چیزیں آپ کی گرفت میں نہیں رہتیں جس کے باعث قاری اکثر اکتاہٹ کا شکار ہو جاتا ہے ؟
٭٭ناول جو لکھ چکا ہوں لکھ چکا ہوں اب اگر میری تحریر میں پلاٹ، کردار اور ماحول میری گرفت سے باہر نظر آتے ہیں تو میں کیا کر سکتا ہوں۔ دوبارہ تو ’’دھنی بخش کے بیٹے ‘‘لکھنے سے رہا! فٹز جیرلڈ نے جس طرح عمر خیامؔ کی ایک رباعی کا ترجمہ انگریزی میں کیا ہے اُسے میں اپنے لئے یوں پڑھتا ہوں۔
لکھنے والی انگلیوں نے لکھا اور آگے چل پڑیں
اب نہ کسی کا واویلا، نہ کسی کا اعتراض
اُن سے آدھی لائن بھی قلم زد کرا سکے گا
نہ کسی کا رونا دھونا اُسے دھوسکے گا
قاری اگر اکتاہٹ کا شکار ہو جاتا ہے تو میں اس سے معافی مانگتا ہوں مگر صاحب اس سے کیا میں نے کہا تھا لائبریری یا کتب فروش کی شیلف سے میری کتاب اٹھا کر پڑھو۔
٭ڈاکٹر صاحب! تعلیم اور روزگار کے سلسلے میں آپ طویل عرصہ بیرونِ ملک مقیم رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ آپ بیرون ملک قیام کے تجربات و مشاہدات اور اُن کے فنی استعمال کی نشان دہی کرتے وقت اُس خاص لفظ کو ہرگز فراموش نہ کیجیے جو افریقنز اپنی گفتگو میں ایشنز کے لیے عام طور پراستعمال کیا کرتے ہیں ؟
٭٭افریقی اپنی گفتگو میں ایشیائیوں کے لیے کون سا لفظ استعمال کرتے ہیں یہ میرے علم میں نہیں ہے۔ افریقہ براعظم ہے۔ تقریباً دو ہزار زبانیں اس میں بولی جاتی ہیں۔ یا شاید سات سو۔ ۲ سو تو صرف نائیجریا میں بولی جاتی ہیں۔ ایشیا دنیا کا سب سے بڑا براعظم ہے۔ اس میں بھی ان گنت زبانیں بولی جاتی ہیں۔ پھر آپ ہی بتائیے میں اس سوال کا جواب کیسے دے سکتا ہوں۔ ہو سکتا ہے جو لفظ سواحلی والے عربوں کے لیے استعمال کرتے ہیں وہ چینیوں کے لیے استعمال نہ کرتے ہوں۔ ملایا والے سکھوں کو بنگالی کنڈے کہتے ہیں۔ کیوں ؟ شاید انکی پگڑی اور داڑھی کو دیکھ کر۔ عرب اور مغربی افریقہ والے سکھوں کو مسلمان سمجھتے ہیں جب تک کہ انہیں سمجھایا نہ جائے بھائی ہر داڑھی والا مسلمان نہیں ہوتا ہے۔ ممکن ہے اس دور میں جب افغانستان اور ہمارے یہاں والے جن کی داڑھی نہ ہو القاعدہ اور طالبان کے عتاب کا نشانہ بنتے رہے ہوں شمال مغربی صوبے اور افغانستان میں بسے ہوئے سکھ قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہوں۔
٭یہ تاثر کہاں تک درست ہے افسانہ نگار حسن منظر کا ۱۹۹۰ء کی گلوبلائزیشن کے بعد ظہور ہوا ہے ؟
٭٭افسانہ نگار حسن منظر کا ۱۹۹۰ء کی گلوبلائزیشن کے بعد ظہور ہوا۔ یہ بات آپ سے کس نے کہی تھی یا آپ نے کہاں پڑھی تھی؟ حقیقت یہ ہے میں جن چیزوں کے بارے میں بہت کم جانتا ہوں ان میں سے گلوبلائزیشن بھی ہے۔ اسی ضمن میں ’’اسٹاروار‘‘ آتی ہے اور گلوبل وارمنگ۔ یقین مانیے اس آخری بات کو میں سرے سے مانتا ہی نہیں ہوں کہ دنیا گر م ہوتی جا رہی ہے جب کہ ٹیلی ویژن جاپان، کوریا، چین، روس، وسطی ایشیا کے بیشتر ممالک اور یورپ کے تقریباً سب ہی ممالک ہر سال کئی کئی فٹ برف کے نیچے دبے نظر آتے ہیں۔ خود پاکستان میں اتنی سردی پڑتی ہے کہ ہر سال بھی جی چاہتا ہے کاش اگلی سردیوں کو میں کسی گرم ملک میں گزاروں۔ خط استوا پر۔
٭آپ کو کن معنوں میں ترقی پسند افسانہ نگار کہا جاتا ہے یعنی ترقی پسندی سے آپ کا کب اور کس نوعیت کا تعلق رہا اور آج یہ تعلق کس مرحلے میں ہے ؟
٭٭ترقی پسند افسانہ نگار میں اسی معنی میں ہوں کہ پہلا افسانہ ’’دوسڑکیں دو کنارے ‘‘ انجمن ترقی پسند مصنفین لاہور کی ہفت روزہ نشست میں پڑھا تھا۔ یہ بات ۱۹۵۰ء کی ہے۔ پر اس کے بعد کے تقریباً سب ہی افسانے جو لاہور میں لکھے تھے وہیں پڑھے۔ بڑی اچھی ادبی فضا ہوتی تھی۔ ایک افسانہ، ایک مضمون، ایک غزل یا نظم اور اس پر گفتگو۔ گفتگو میں حصّہ لینے والے سب ہی ادب اور ادب سے متعلق دو سرے شعبوں کا وسیع علم رکھنے والے تھے۔ بڑے بڑے ملکی اور غیر ملکی ادیبوں شاعروں سے وہاں ملاقات ہوتی تھی۔ احمد ندیم ؔ قاسمی، فیض احمد فیضؔ، سعادت حسن منٹو، احمد راہیؔ، محمد صفدر میر، حسن طاہر، خدیجہ مستور، عبد المتین عارفؔ، مظفر علی سید، مجازؔ، کس کس کا نام گناؤں۔ بچپن سے غریبی امیری، مظلوم اور ظالم، عیاش اور محنت کش، کھیت کھلیان اور محلوں سربفلک عمارتوں، خود غرضی اور ایثار کے بارے میں میری اپنی سوچ رہی تھی، وہی سوچ ذات پات کی اونچ نیچ، مذہبی عصبیت، ایک نسل کی دوسری نسل پر فوقیت، سرمایہ داری اور جاگیرداری کو برداشت نہیں کرتی تھی۔
پریم چند اورمیکسم گورکی سے مجھے انسیت تھی۔ پھر جب افسانہ (علامتی تھا یہ مجھے بعد میں پتہ چلا) ’’دوسڑکیں دو کنارے ‘‘ ہو گیا تو میں نے اپنے ایک دوست کو سنایا۔ وہ دوست ادیب نہیں تھا (لیکن احمد خان۔۔۔ معاشیات پر لکھنے والے اور پاکستا ن ٹائمز کے ایڈیٹر طفیل احمد خاں کے چھوٹے بھائی) مگر ان کے پاس بہت سے ادبی رسالے آتے تھے۔ وہ کیمونسٹ پارٹی کا ذکر بھی کیا کرتے تھے اور انجمن ترقی پسند مصنفین کا بھی۔ اُن دنوں سید سجاد ظہیر زیر زمین تھے ایک دن انہوں نے مجھے اُن کی تصوری بھی دکھائی۔ یہ بڑی راز داری کی بات تھی۔ میں تو ڈار میں داخلے کے لئے پر تول رہا تھا۔ انٹرمیڈیٹ میں دونوں ساتھی تھے۔ افسانہ جب ظہور میں خود بخود آ گیا تو مجھے احساس ہوا یہ انجمن ترقی پسند مصنفین کی نشست میں اگر پڑھا جائے تو ! مگر میں و ہاں کسی کو جانتا نہیں تھا نہ کبھی نشست میں شریک ہوا تھا۔ میری یہ استدعا کفیل سے ہو کر ایک اور دوست عبد الغفور تک پہنچی۔ انہوں نے انجمن کے کسی رکن تک پہنچائی، وہاں افسانہ پڑھا گیا اور مجھے افسانہ پڑھنے کی دعوت یا اجازت دے دی گئی۔ چال ڈھال سے ا سکول کا لڑکا لگتا تھا۔ انجمن کے اس جلسے میں سمجھئے اُس افسانے کو اور مجھے ہاتھوں ہاتھ لیا گیا۔ مرحوم پروفیسر صفدر میر(ڈون کے زینو) نے اسے کرشن چندر کے ایک فرلانگ لمبی سڑک کے ساتھ رکھ کر موازنہ کیا۔
تو یوں سمجھئے جو بچپن اور لڑکپن سے تھا اس افسانے کے بعد وہی رہا لیکن تب پتہ چلا کہ ترقی پسند ہوں۔ یعنی سماج کو ویسا ہی نہیں دیکھنا چاہتا ہوں جیسا کل تھا اور آج ہے۔ اس میں بہت کچھ ظالمانہ ہے۔ اُسے بدلنے کی ضرورت ہے۔ کیا خیال ہے پریم چند کو ۱۹۳۶ء میں ترقی پسند تحریک کے وجود میں آنے کے بعد اپنے بارے میں اور اپنی تحریر کے بارے میں اس سے کچھ مختلف احساس ہوا ہو گا۔ وہ بھی مظلوموں، محکوموں کے حق میں ادبی جنگ کرنے والے اپنی زیست کے روز اوّل سے تھے۔
میرا یہ تعلق اب بھی ہے۔ لیکن کیمونسٹ پارٹی سے میرا تعلق کبھی بھی نہیں رہا ہے نہ میں اس کا ممبر تھا۔ صرف ایک بار کیمونسٹ پارٹی لاہور کے آفس میں چند منٹ کے لیے جانا ہوا تھا کسی دوست کے ساتھ اور دہلی میں جوگندر پال کے ساتھ وہاں کے آفس میں۔
٭’’مالِ غنیمت‘‘ کو آپ کی آپ بیتی گرداننے والے کس قدر صحیح ہیں اور اُس میں قاری کو تشنگی کا احساس کیوں ہوتا ہے ؟
٭٭’’مالِ غنیمت‘‘ کو میری آپ بیتی گرداننے والے بھول جاتے ہیں مجھ جیسے شخص کی اتنی مختصر آپ بیتی کس طرح ہو سکتی ہے۔ اگر وہ ایک مختصر افسانے کو میری آپ بیتی سمجھ کر پڑھتے ہیں تو ان کی تشنگی بجا ہے۔ لیکن جس لڑکے کی وہ آپ بیتی ہے یہ اس کی زندگی کا ایک دن تھا۔
٭اپنی ذات اور فن کی روشنی میں اس تصور، خیال یا مفروضے کی بابت آپ کی کیا رائے ہے کہ مصنف اپنا متن اور تخلیق کا ر اپنی تخلیق پیدا کرنے کے بعد فوت ہو جاتا ہے ؟
٭٭’’مصنف اپنا متن اور تخلیق کار اپنی تخلیق کے بعد فوت ہو جاتا ہے ‘‘ وہاں درست ہو گا جہاں مصنف کا ذہن بہت تھوڑے عرصہ کے لیے وا ہوا تھا۔ اس نے اطراف کو دیکھا، زمانے سے جو سننا تھا سُنا ان دو کے امتزاج سے اس کی تخلیقی صلاحیت جاگی اور اس عمل کو کاغذ پر منتقل کر کے وہ کروٹ بدل کر سو گیا۔
بعض ادیب اپنی تھیم کو دہراتے رہتے ہیں۔ شعر، ناول، افسانہ اور ناٹک الفاظ کے الٹ پھیر کے باوجود جوں کا توں رہتا ہے۔مگر تخلیقی کام کرنے والے کا آخری دم تک نہ مشاہدہ تھکتا ہے نہ اس کی فکر اور اگر یوں بھی ہوا ہے کہ اس جواں فکر مصنف کا فن تا عمر ترقی پذیر رہا ہے۔ غالبؔ کے بارے میں کیا خیال ہے ؟ نہیں صاحب میں فوت نہیں ہوا ہوں، نہ میرا فن۔ غالبؔ کے قویٰ ضرور مضمحل ہو چکے ہیں اتنا کام نہیں کر سکتا ہوں جتنا پچیس تیس سال پہلے کر سکتا تھا پھر بھی بہت سے نوجوان ادیبوں شاعروں سے کہیں زیادہ جو لکھنا ہو اس پر محنت کرتا ہوں اور جہاں تک ممکن ہو عالمی ادب کا مطالعہ کرتا ہوں۔ یقین مانیئے جتنا لکھنے کا ارادہ تھا اس کا عشر عشر بھی نہیں لکھ پایا ہوں۔جب میں نے باقاعدگی سے لکھنے کی ٹھان لی تو اپنے لئے کچھ قانون بھی وضع کئے۔
کبھی غیر ذمے داری سے کچھ نہیں لکھوں گا۔ یعنی جس کے اثرات پڑھنے والوں یا سوسائٹی کے حق میں نہ ہوں۔
کسی سے میرا مقابلہ میرے ذہن میں نہیں ہے۔ نہ جو پہلے لکھ چکا ہوں اس سے۔
جو آج لکھ رہا ہوں اُسے میری بہترین تحریر ہونی چاہیے (اس سے کیا غرض کہ کل کیا لکھا تھا!)
ان گنت افسانے ادھورے چھوڑنے پڑے۔ کئی ناول اور چند ناٹک۔ وجہ وقت کی تنگی۔
٭آپ مذہب کو لوگوں کو ملانے اور قریب کرنے کا بہترین ذریعہ گردانتے ہیں۔ سوال ہمارے ذہن میں یہ آتا ہے کہ مذہب سے آپ کی مراد ’’اسلام ‘‘ ہے یا یہ لفظ وسیع تر معنوں میں آپ کے ہاں استعمال ہوا ہے اگر ایسا ہے تو آپ کا دیگر مذاہب کے بارے تصور کیا ہے ؟
٭٭لفظ مذہب کو جب میں اپنے لئے استعمال کرتا ہوں تو اس سے مراد اسلام ہوتا ہے۔ میں نے بہت سوں سے دنیا کے مختلف ممالک میں اسلام اور قرآن اور صلوٰۃ کے خلاف استہزائیہ باتیں سنیں لیکن کسی غیر مذہب یا مسلک والے نے اپنے مذہب کے خلاف مجھ سے کبھی ایک لفظ بھی نہیں سُنا اس کا مجھے یقین ہے۔ قرآن کے تراجم مختلف زبانوں میں پڑھتا رہا ہوں، تفاسیر بھی۔ سیرت ﷺ بھی۔ حقیقت میں قرآن ہی وہ کتاب ہے جس کا اتنے جم کر میں نے زندگی بھر مطالعہ کیا ہے۔ کبھی ایسا نہیں ہوا اُسے پڑھ کر کسی نئے روحانی تحفے سے فیض یا ب نہیں ہوا اور جس اضمحلال سے گزر رہا تھا وہ دور نہیں ہوا۔ بھگوت گیتا، رامائین، مہا بھارت، بائیبل(دونوں عہد نامے ) اور دوسرے مذاہب کی کتابیں سب ہی کو دلچسپی سے پڑھتا ہوں کیونکہ سب ہی نے انسان کو مختلف ادوار میں راہ دکھائی ہے۔
مذہب انسان کی زندگی کا حصہ ہے۔ شاید دوسرے جانداروں کے بھی اپنے اپنے مذہب ہونگے اور وہ ان پر کاربند رہتے ہیں۔ انسان البتہ اپنے مذہب کو بھلا بیٹھتا ہے اور ہیروشیما، ناگاساکی، مائی لائی (ویت نام)، صابرہ شتیلہ(لبنان) اور دیریٰس (فلسطین ) رچتا ہے۔
٭عصرِ حاضر میں طب انتہائی منفعت بخش پیشہ اور شعبہ نفسیات طب کی سردار جبکہ اردو ادب انتہائی بے فیض اور از کارِ رفتہ گردانا جاتا ہے۔ کس جذبے اور اُمید کو بروئے کار لا تے ہوئے آپ ان دونوں سے مکمل انصاف کئے جا رہے ہیں، بیگم صاحبہ اور بچے آپ سے کبھی احتجاج نہیں کرتے ؟
٭٭میڈیسن اور سائیکیٹری (طب اور طب نفسیات) میرے لئے زندگی کا حصہ ہیں جن سے جیتے جی جدا ہونے کو میرا دل دماغ تیار نہیں ہیں۔ ادب بھی زندگی کا حصہ ہے۔ طب صرف منفعت بخش پیشہ نہیں ہے۔ نہ ادب محض شہرت کمانے کا ذریعہ، یہ دونوں کام اگر دن میں ڈھنگ سے ہو جائیں، صرف اپنی غرض پوری کرنے کے لئے نہیں، تورات کو اچھی نیند آتی ہے۔رہیں بیگم صاحبہ سو وہ خود ڈاکٹر ہیں۔ اگر میں یہ فکر لئے ہوتا ہوں کہ فلاں مریض جو خود کشی کی سوچ رہا تھا اس کے گھر والے اس پر صحیح نگاہ رکھ رہے ہیں یا نہیں اور دوا وقت پر کھلا رہے ہیں یا نہیں، تو وہ سوچتی ہوئی سوچتی ہیں اس بچے کی حالت ٹھیک نہیں تھی جس کی ماں کے دماغ میں ملنے والوں نے بٹھا دیا ہے کہ اُسے سوکھے کا مرض ہے اور ٹھیک نہیں ہو گا۔
کنبے کے دیگر افراد کا بھی یہی حال ہے۔ بڑی بیٹی رودابہ نیویارک سے جب فون آتا ہے تو ماں کہتی ہیں اپنے شوہر اور بچوں کو بھی وقت دیا کرو۔ وہ ماں سے بڑھ کر اپنے مریضوں کا جاں نثار ہے۔ میڈیسن گھر کی فضا میں ہے۔دادی معالجہ تھیں، دہلی میں ٹریننگ لی تھی، ہائپر میں ڈاکٹرنی کہلاتی تھیں بڑی پوتی میڈیکل کالج کے سال اول میں ہے۔ کسی کا رجحان MBA وغیرہ کی طرف نہیں ہوا۔ نہ تجارت کی۔ اب بیوی بچے مجھ سے کیا احتجاج کریں !
٭گذشتہ دنوں سرکار کی طرف سے آپ کو پے در پے بہت سے انعامات و اعزازات کا حق دار قرار دیا گیا۔ ہمارے قارئین کو اُن کی تفصیل اور مستقبل کی بابت امیدوں، ارادوں اور منصوبوں سے آگاہ فرمائیے ؟
٭٭نہیں بھئی پے در پے انعامات اور اعزازات نہیں۔ میری جو چیز چھپ گئی اس کی طرف سے غافل ہو جاتا ہوں۔ ڈاکٹر آصف فرخی نے ’’خاک کا رتبہ‘‘ خاموشی سے ’’ادبیات‘‘ کو روانہ کر دی اور پھر ایک صبح مجھے فون کیا ٹیلی ویژن پر بتایا جا رہا ہے۔۔۔۔
اُدھر اسلام آباد سے افتخار عارف صاحب کا فون آیا کہ آپ کو گوشہ نشینی میں یہ انعام ملا ہے۔ اس کے بعد سندھ گورنمنٹ نے شیخ ایاز انعام دیا۔ اور کو ن سے انعامات و اعزازات؟ اگر کچھ ہیں تو اُن کا مجھے علم نہیں ہے۔ ویسے یہ بات اپنے بارے میں کسی اور سے بھی سننے میں آئی۔ آجکل ایک ناول میں مبتلا ہوں۔ امیدیں کم ہیں۔ نہ ہونی چاہئیں کہ اُن کے رکھنے سے تکلیف ہی ہوتی ہے ارادے اور منصوبے اگر دل دماغ میں پنہاں رہیں تو تقویت رہتی ہے۔ آدمی کام کئے جاتا ہے اور کام خوشی لاتا ہے۔
٭تیسری دنیا بالخصوص پاکستان میں جس تیزی سے کتاب کلچر ختم ہو رہا ہے اُس کی روشنی میں آپ اپنی تخلیقات بلکہ اردو زبان و ادب سے کس طرح کی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں ؟
٭٭پاکستان میں جس تیزی سے کتاب کلچر ختم ہو رہا ہے سب کو اس کا دکھ ہے۔ مگر ایک کتاب کلچر کیا سب ہی قسم کی Cultured activities ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ معاشرہ انحطاط کی طرف تیزی سے جا رہا ہے۔ غیر صحت مند مذہبی انتہا پسندی، فرقہ پرستی، ملک کو زک دینے والا نیشنلزم، بہیمیت، دہشت پسندی، برداشت کا فقدان، اخلاقی پستی سب ہی کا راج ہے۔ ادیب ذمے داری سے لکھیں جو کچھ بھی لکھیں۔ یہ سمجھ کر لکھیں کہ کسی قسم کا اِزم اس دور میں ان کی رہ نمائی نہیں کر سکتا ہے۔ خود اپنے لئے راہ پیدا کرنی ہو گی تاکہ نئی پود اور آنے والی پود کو یہ یہ ملک اور یہ دنیا بہتر جگہ لگے۔
کتابوں کی باتیں
کتابوں کی باتوں میں عام طور پر نئی مطبوعات کا ذکر کیا جاتا ہے لیکن آج میں یہ گفتگو ایک ایسی کتاب کے ذکر سے شروع کرنا چاہتا ہوں جو بہت پرانی ہے یعنی 56 سال پہلے لکھی گئی تھی لیکن اس کا جواز یہ ہے کہ اردو میں پہلی بار کتابی شکل میں شائع ہوئی ہے۔ میری مراد پریم چند کے آخری اور نامکمل ناول ’’منگل سوتر‘‘ سے ہے۔ جسے انھوں نے ۱۹۳۶میں گؤدان کی اشاعت کے بعد لکھنا شروع کیا تھا لیکن موت نے مکمل کرنے کا موقع نہیں دیا۔
اس ناول کا ذکر پریم چند کے ذکر کے ساتھ ہمیشہ کیا جاتا ہے۔ پریم چند کے تمام ناقدین نے ’’ منگل سوتر‘‘ کو پریم چند کی فنی و نظریاتی عروج کی معراج قرار دیا ہے۔ اردو ناقدین نے بھی ’’منگل سوتر‘‘ کو پریم چند کی سب سے اہم تخلیق قرار دیا ہے۔
پریم چند اردو کہانی کے جنم داتا، اس کے معمار اور اپنے عہد کے ایک بڑے افسانہ نگار مانے جاتے ہیں۔ اردو کے وہ ان اہم ادیبوں میں ہیں جن پر بہت بڑی تعداد میں تحقیقی و تنقیدی کام ہوا ہے لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ ان کے بہت اہم ناول ’’منگل سوتر‘‘ کا اردو ترجمہ نہیں ہوا۔ ایک عرصہ تک صرف یہ معلوم تھا کہ پریم چند نے اس نام سے ایک ناول لکھنا شروع کیا تھا لیکن مکمل نہیں کر سکے۔ اس کے بعد شری پت رائے کے تعارف کے ساتھ ہندی میں وہ شائع ہوا۔ اردو میں کسی نے رسالے وغیرہ کے لیے ترجمہ کیا ہو تو مجھے علم نہیں لیکن کتابی شکل میں میری نگاہ سے کوئی ترجمہ نہیں گزرا۔
زیر نظر ترجمہ اردو کے مشہور افسانہ نگار ڈاکٹر حسن منظر کی کوششوں کا نتیجہ ہے اور تعجب کی بات یہ ہے کہ پاکستان سے شائع ہوا ہے۔ ڈاکٹر حسن منظر چونکہ خود کہنہ مشق ادیب اور افسانہ نگار ہیں جن کے افسانوں کے کئی مجموعے رہائی، ندیدی، انسان کا دیس شائع ہو چکے ہیں۔ اس لیے ترجمے کی زبان بہت اچھی اور ناول کے لیے مناسب ترین زبان ہے۔ ڈاکٹر حسن منظر نے ترجمے میں پریم چند کی زبان کا خیال رکھا ہے اس لیے یہ نہیں محسوس ہوتا کہ یہ ترجمہ ہے۔ بلکہ ہندی میں شری پت رائے نے جو زبان استعمال کی ہے وہ ہرگز پریم چند کی زبان نہیں معلوم ہوتی اور چونکہ پریم چند کے مسودے کی ہم تک رسائی نہیں ہے اس لیے کچھ کہا نہیں جا سکتا کہ پریم چند نے خود کیسی زبان لکھی تھی۔ اس کے علاوہ ایک مسئلہ اور ہے کہ تمام ناقدین اور ماہرین پریم چند نے ’’منگل سوتر‘‘ کو انکی آپ بیتی اور ایک سوانحی ناول قرار دیا ہے۔ شری پت رائے نے بھی ناول کے تعارف میں لکھا ہے کہ ’’ ان کا (پریم چند) کہنا تھا کہ اس کا پورا خاکہ ان کی زندگی پر مبنی ہے۔ کہنی لحاظ سے آپ اسے ایک آپ بیتی ناول ما ن سکتے ہیں۔‘‘ لیکن ڈاکٹر حسن منظر نے اس رائے سے اتفاق نہیں کیا ہے۔ ناول کے بنیادی کردار دیو کمار، شیویا، سنت کمار اور سادھو کمار ہیں۔ پریم چند اور ان کے اہلِ خانہ میں کچھ مماثلت اور مشابہت ضرور پائی جاتی ہے لیکن وہ بالکل وہی کردار نہیں ہیں اس لیے کہ ان کی فکر اور عمل میں بعض جگہوں پر بہت فرق ہے شاید اسی اختلاف کی بنیاد پر ڈاکٹر حسن منظر کو اسے آپ بیتی ماننے میں ہچکچاہٹ ہے۔
بہر حال ڈاکٹر حسن منظر کا یہ ترجمہ ’’منگل سوتر‘‘ کے سلسلے میں بعض نئے مباحث کا آغاز کرے گا ڈاکٹر حسن منظر کے ہم شکر گزار ہیں کہ انھوں نے پریم چند کی اتنی اہم تصنیف کا ترجمہ کیا اور پہلی بار مکمل طور پر ہم اس سے واقف ہو سکے۔
ضمیر کو جگانے والی کہانیاں
پروفیسر ریاض صدیقی (کراچی)
کہانی کوئی گمبھیر ڈسکورس، کو ئی عجوبا، پراسرار بیان یا دیومالا نہیں ہوتی ہے اور نہ فلسفے کا پے چیدہ مگھم اور قیاسی (Syllogic) متن ہوتی ہے۔ کوئی کہانی کار اگر اپنی انفرادیت قائم کرنے یا اپنے مخالف کو نیچا دکھانے کی بنا پر کہانی کی صورت میں بگاڑ پیدا کرے اور اول الذکر جہتیں اس کے تجربوں کا وسیلہ بنیں تو یہ اس کا ذاتی عمل ہو گا اور وہ خطرہ (Risk) اپنی ذمہ داری پر مول لے گا۔ ضروری نہیں کہ ہر چونکا دینے اور چکا چوند پیدا کرنے والا تجربہ جدید بھی ہو گو کہ تجربہ کرنے والے اسے جدید ہی قرار دیتے ہیں۔ غزل، گیت اور قومی و ملی نغموں کو اگر انگریزی سُر سنگیت کی دھنوں پر انگریزی لہجے میں دھما چوکڑی کے ساتھ گایا جائے اور آوازیں غل غپاڑے کی حالت کو موڈرن آرٹ کہا جائے تو اسے جدید کس طرح مان لیں گے جب تک کہ اول الذکر اصناف کی روایتی اور مقامی ہیئت کو بھی انگریز یا نہ دیا جائے۔ یہ تجربہ تو ایک طرح سے جھٹکا کرنے کے مترادف ہے۔ ہزاروں برسوں کی اپنی زمینی ثقافت، تاریخ اور فنی روایت پر بلڈوزر چلا کر غیروں کی ثقافت، تاریخ، فنی روایات اور لہجے کو گود لے لینا ترقی اور جدیدیت کا عمل ہے یا ہلاکت کا؟ کوئی فن یا کوئی تجربہ جو ذاتی اور اپنے گرد و پیش سے کٹا ہوا ہو جدید نہیں ہو سکتا۔ اُردو شعر و ادب کے ساتھ یہ سوال جڑا ہوا ہے جس کا اطلاق کہانی پر بھی ہوتا ہے جو بہرحال اپنی زمینی ثقافت، تاریخ اور روایت ہی کے کوکھ سے جنم لیتی ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی تناظر میں وہ جن نئے رجحانات اور موضوعات کا احاطہ کرتی ہے اس کی روایتی اور مقامی ساخت ہی کی بُنت میں اتر آتے ہیں۔ شہرہ آفاق ناول نگار ڈروس لیسنگ، رتھ پروار جھاب والا اور نادین گوردیمر نے گو کہ افسانے اور ناولیں ہندوستان اور افریقہ کے تناظر میں لکھی ہیں مگر وہ انگریزی فکشن کے تانے بانے ہی میں سانس لیتی ہیں۔ اس پس منظر میں حسن منظر کی کہانیاں جینوئین جدیدیت کا نمونہ ہیں۔ ان کی کہانیوں کا زیر نظر چوتھا مجموعہ ’’ سوئی بھوک‘‘ پڑھنے والوں کے لیے خواہ ان کی سطح بہت بلند ہو یا عام سی بڑی ہمہ جہت معنویت کا بیانیہ ہے۔ ان کہانیوں میں روایتی ہیئت و بُنت کی شاخوں پر معاصرین الاوامیت حسیت کے لشکارے دکھائی دیتے ہیں۔ کہانی ’’سوئی بھوک‘‘ کے بیانیہ میں اسلوب اور ہیئت کے تجربے نے اسے کسی حد تک پے چیدہ، علامتی اور کثیر الاصنفی بنا دیا ہے جو ۱۹۹۰ء کے بعد کی تخلیق ہو سکتی ہے جب یہ جمی جمائی ہوئی دنیا ایک دھچکے کے ساتھ پلٹا کھا گئی تھی۔ انسانی اقدار، تہذیبی و لسانی رویئے، تعلیم، ذرائع ابلاغ، علوم و افکار اور سماجی رشتے جو پہلے اقتصادیات، کاروباریت، منڈی معیشت اور بے لگام بین الاقوامیت (Globalisation) سے اس طرح نتھی نہیں ہوئے تھے جس طرح قرض لینے والے کا بال بال قرضے میں بندھ جاتا ہے۔ اس کہانی کا مرکزی کردار ایک پروفیسر ہی ہو سکتا تھا جو فکر انگیز رجحانات کی نشاندہی کا جواز ہے۔ کہانی کے عنوان کی نسبت سے کہہ سکتے ہیں کہ اس کا یا پلٹ نے جو ۱۹۹۰ء کے بعد رونما ہوئی اور واقعی پوری دنیا ہی بدل گئی سوئی بھوک کو جگا دیا اور امیر سب کچھ ہڑپ کر گیا حتیٰ کہ وہ اقدار علوم اور ادب کو بھی نگل گیا۔ ’’ چیزیں ادھر اُدھر سے اُڑ کر دوبارہ امیر بشک کے منہ میں جانے لگیں۔ پروفیسر کی ایش ٹرے، گلدان میں سے پھول، موسیقی کے کیسٹ، پینتیس ملی میٹر کا کیمرہ، قلم، قلمدان، کاغذ، کتابیں۔۔۔۔ اس آخری چیز کے جانے کے بعد پروفیسر نے چلا کر کہا کہ مار ڈالا۔‘‘ فقرہ مار ڈالا معنی کی کڑی ہے یہی موضوع کہانی ’’ ایک موت جس پر کوئی نہیں رویا‘‘ میں ایک نئی جہت کے ساتھ بیان ہوا ہے جو حیدر آباد میں برٹش کونسل لائبریری کے بند ہونے کا افسانوی مرثیہ ہے۔ ہمارے سماج میں لائبریری کا اجتماع سے کوئی رشتہ نہیں ہے اور حکمراں طبقہ و بیورکریٹس اسے ایک غیر پیداواری اور فضول شعبہ سمجھتے ہیں۔ کہانی ’’ ایک موت جس پر کوئی نہیں رویا‘‘ اسی واقعہ کو پیش کرتی ہے۔ ’’ اس لائبریری کو اس شہر میں قائم رکھنا اس بیرونی حکومت کے مفاد میں نہیں تھا کیونکہ ایسی لائبریری لاکھ ودیارتھیوں کا گھر سہی کسی حکومت کا دوسرے ملک میں شوروم بھی ہوتی ہے۔ جیسے ان کے ٹریڈ سینٹر اور میرے شہر میں جو ہر چند یونیورسٹیوں اور کالجوں کا بھی شہر ہے نہ غیر ملکی وفد آتے ہیں نہ یہاں غیر ملکی بستے ہیں۔ پھر کسی بڑے شہر والے کو اس شہر میں کیوں دلچسپی ہوتی۔ لائبریری کی بے حرمتی پر شہر میں صدائے احتجاج بلند ہو گی اور کوئی کہے گا کہ ایک عالم کی موت کل عالم کی موت ہے تو ایک درسگاہ یا لائبریری کی موت کائنات کی موت ہو گی۔‘‘ مگر ایسا کچھ نہیں ہوا اور بقول کہانی کار علم حاصل کرنا طالب علموں کی سرپرست سیاسی پارٹیو ں کے پروگرام میں شامل نہیں ہوتا۔ ’’ یہ ان طالب علموں کا شہر نہیں ہے جن کی روشنائی شہیدوں کے خون پر فوقیت رکھتی ہو۔‘‘ موت العالم موت العالِم اور روشنائی جسے شہیدوں کے خون پر فوقیت حاصل ہے مشرق کی تاریخی روایت کا مکالمہ ہیں۔ مغرب کا نہیں جو ہندوستان سے نادرو نایاب کتابوں اور قلمی نسخوں کو سمیٹ کر لندن لے گیا اور انڈیا آفس لائبریری بنائی۔ ان کے طنز کہ علم حاصل کرنا سیاسی پارٹیوں کے پروگرام میں شامل نہیں یوں تو محض ایک جملہ یا پھبتی ہے مگر اس میں سیاسی تاریخ کا پورا منظر سمٹ آیا ہے۔ کیسا المیہ ہے کہ عوام کی رائے سے چنی جانے والی حکومتیں عوام ہی کی اکثریت کو تعلیم اور خواندگی سے محروم رکھنے کی کوتاہی کی مرتکب ہوئی ہیں اور اب تو وہ طبقہ بھی جو پہلے اپنا پیٹ کاٹ کر ہی سہی اپنے بچوں کو تعلیم دلواتا تھا اس قابل ہی نہیں رہا کہ ان کو تعلیم دلوائے کیونکہ نئی تعلیمی پالیسی نے اس طبقے کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے سے روکنے کیلئے اس کے اخراجات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے تاکہ تعلیم کی سہولتوں سے صرف اعلیٰ مراعات یافتہ دولتمند اور متوسط طبقہ ہی فیض یاب ہو۔ حسن منظرؔ کی کہانی اس ساری صورت حال کو افسانوی اسلوب میں پڑھنے والوں تک پہنچا دیتی ہے اور وہ بھی اس طرح کہ افسانہ اپنے رنگ و روپ اور فن کی قیمت نہیں چکاتا ہے۔ انہوں نے اپنی زبان سے کچھ نہ کہہ کر بھی سب کچھ کہہ دیا۔
کہانی کار کی یہی تو ادا ہوتی ہے کہ وہ روز مرہ کی زندگی میں نظر آنے والے عام سے واقعات، حادثات اور محسوسات سے ایک کہانی تخلیق کر دیتا ہے اور اسی فن کو ’’افسانہ کر دیا ‘‘ کہتے ہیں۔ واقعہ خواہ کتنا ہی عام سا کیوں نہ ہو اس کی تہوں میں بڑی گہری معنویت اور جہتیں چھپی ہوئی ہوتی ہیں جن کا ادراک وہی کر سکتے ہیں جو حساس تخلیقی مزاج رکھتے ہوں بقول میرؔ،
سرسری تم جہان سے گزرے
ورنہ ہر جا جہانِ دیگر ہے
درخت سے ٹوٹ کر زمین پر گرنے والے سیب کا مشاہدہ بھی ایک افسانے کی صورت میں نیوٹن کے ذہن پر وارد ہوا تھا جس کے ذریعہ اس نے حقیقت کو کھوج لیا۔ سائنس کا اکھوا بھی تخیل اور وجدان ہی کی زرخیز فضا میں پھوٹتا ہے۔
اس افسانوی مجموعے کی ایک اور اچھی کہانی ’’مالِ غنیمت‘‘ ہے اس کہانی کا واقعہ برصغیر کے بٹوارے کے نتیجے میں دونوں طرف کے لوگوں کو اپنے اپنے وطن کو چھوڑ کر ہجرت کرنا ہے۔ لاہور کے شاہی قلعے میں اس مال کا بازار سجا ہوا ہے جو لاہور اور دوسرے شہروں سے بھاگنے والے خاندان چھوڑ گئے تھے۔ کہانی لکھنے والے نے اس منظر کو ’’مالِ غنیمت‘‘ سے منسوب کیا ہے۔ ’’معصومؔ کو خیال آیا کہ اسی طرح پرانے زمانوں میں قلعے میں مالِ غنیمت آتا ہو گا اور لوگ اس پر بھی اسی طرح ٹوٹ پڑے ہوں گے۔‘‘ مگر۔۔۔۔ ’’مالِ غنیمت‘‘ کی تعریف سے لاعلم تھا کیونکہ مالِ غنیمت بیچا نہیں جاتا ہے بلکہ فاتح حکمراں او فوجوں کے مابین مفت تقسیم ہوتا ہے۔ اس کے خاندان والے ہجرت کے بعد لاہور میں اپنے آشیانے کی تعمیر کے لیے خس و خاشاک جمع کر رہے تھے اور قلعے کے ’’مالِ غنیمت‘‘ بازار سے ضرورت کی اشیا سستے داموں خریدنے گئے تھے۔ افسانہ نگار نے یہاں منظر نگاری کے مقابلے میں واقعہ نگاری کو ترجیح دی ہے کیونکہ منظر نگاری کی بہت زیادہ تفصیل کا یہ واقعہ متحمل ہو بھی نہیں سکتا ہے۔ اس نے لفظوں اسلوب اور اپنے نقطہ نظر کو اکائی میں ڈھالتے ہوئے ان سے کھلواڑ نہیں کیا ہے کہ کہانی ماضی کی ترقی پسند روایت سے ہٹ کر جدیدیت کے رنگ میں رنگ جائے مگر وہ آرٹ جو کہانی کی بُنت کو عدالتی، پولیس اور اخبارات۔۔۔۔ بیانات سے الگ کر کے ادب بنا دیتا ہے ’’مالِ غنیمت‘‘ میں اس کا فقدان نہیں ہے۔ اس افسانوی آرٹ کی کڑی ایک لپٹا ہوا ردی سا کاغذ ہے جس کو کسی نے بھی ہاتھ نہیں لگایا البتہ معصومؔ کے لیے وہی توجہ کا مرکز بنا۔ اس کاغذ کی تہوں کے اندر سے کسی شکنتلا چرن داس کا تعلیمی سرٹیفکیٹ نکلا جو وہ یا اس کا خاندان بھاگتے ہوئے چھوڑ گیا تھا۔ وہ سوچنے لگا کہ کیوں نہ کسی طرح اس کا پتہ تلاش کر کے سرٹیفکیٹ اسے بھیج دیا جائے۔ وہ خود بھی اپنا سرٹیفکیٹ ہندوستان ہی میں چھوڑ آیا تھا اور ممکن ہے اس کی طرح وہاں کسی شکنتلا کو یہ سرٹیفکیٹ ملا ہو اور وہ بھی اس کا پتہ تلاش کر رہی ہو مگر پھر اسے خیال آتا ہے کہ ’’جو مجھے ڈھونڈ نکالنے کی کوشش انہوں نے نہ کی تو؟‘‘
ہندو پاکستان کے بٹوارے نے اجتماعی ہجرت کی جو تاریخ لکھی ہے حسن منظرؔ کی بعض کہانیوں مین اُس کے گھٹتے بڑھتے ہوئے سائے بھی دکھائی دیتے ہیں کیونکہ اس مہان دُر گھٹنا سے وہ خود بھی گزرے تھے۔ ’’مالِ غنیمت‘‘ خود ان کی آپ بیتی بھی ہو سکتی ہے جس کو انہوں نے اجتماعی مناظر میں پیش کیا ہے۔ ان کے یہاں ’’ میں ‘‘ یعنی اپنی ذات اور اس کے دکھ دوسروں کے دکھوں میں گھل مل گئے ہیں اس لئے سماج اور تاریخ ان کی کہانیوں میں در آئے ہیں۔ اور اس میں ایک تاریخی سند (Relevance) کے ہونے نے ان کو معتبر بنا دیا ہے۔ دنیا کی مختلف زبانوں کا بہترین اور بہت زیادہ پڑھا جانے والا فکشن بھی سماج اور تاریخی تناظر ہی میں لکھا گیا ہے اور ابھی تک لکھا جار ہا ہے۔ قصہ سنانے اور لکھنے کا ایک اپنا ڈھنگ ہوتا ہے اور یہ ڈھنگ پرانے زمانے کے اُردو لکھاریوں کے پاس تھا جہاں لکھنے والا خود کو عیاں کئے بغیر بیانیہ کے بہاؤ میں موجود ہوتا ہے۔ حسن منظرؔ بھی اپنی کہانیوں میں موجود (Being in story) ہیں مگر انہوں نے اپنی کہانیوں کو وجودیت کے فلسفے سے آلودہ نہیں ہونے دیا ہے۔ پڑھنے والے جب کہانیوں سے گزرتے ہیں تو ان کے لکھنے والوں کو نہ صرف پہچان لیتے ہیں بلکہ یاد بھی رکھتے ہیں۔ افسانوں کا تاریخی ماضی جب آنے والی نسلوں سے بہت دور چلا جاتا ہے تو انہیں افسانوں سے زیادہ ان کے لکھاریوں کے نام ہی یاد رہتے ہیں جیسے کہ پریم چند، منٹو، عصمت اور کرشن چندر وغیرہ۔ دنیا کی ہر زبان کے ادب پڑھنے والوں کا یہی رویہ ہوتا ہے مگر اہل الرائے کی ایک بہت چھوٹی سی اقلیت جو نفسیاتی خلل میں مبتلا ہے مغرب کے رولاں بارتؔ کی زبان بول رہی ہے کہ مصنف اپنا متن اور تخلیق کار اپنی تخلیق پیدا کرنے کے بعد مر جاتا ہے اور جیسا کہ حسن منظر نے بھی اپنی کہانی ’’منحرف رسوم‘‘ میں لکھا ہے کہ ’’یعنی وہ اسے مل گئی جس نے ا س کے لئے کچھ نہیں کیا تھا‘‘ بارتؔ کے پیرو کاروں نے بھی یہی انداز نظر اختیار کیا ہے کہ مصنف اور تخلیق کار سے اس کا قیمتی سرمایہ اس طرح چھین لیا ہے جس طرح برصغیر کے سماج میں شوہر اور اس کے کنبے والے والدین سے ان کی تخلیق چھین لے جاتے ہیں۔ اُردو شعر و ادب کی تاریخ میں ہجرت کا تجربہ اور اس کی کوکھ سے جنم لینے والے مسائل ایک موضوع رہا ہے۔ ایک زمانے میں تو شمالی برصغیر سے دکن کے علاقے کی طرف جا کر آباد ہونے کو بھی ہجرت ہی کے خانے میں رکھا جاتا ہے۔
فانی دکن میں آ کے یہ عقدہ کھلا کہ ہم
ہندوستان میں رہتے ہیں ہندوستان سے دور
ہجرت کی یہ ٹیسیں اب تک شعر و ادب میں اُٹھتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں حتیٰ کہ وہ نسلیں جو بعد ہجرت اس ملک میں پیدا ہوئی ہیں اور جن کے تجربات و مشاہدات میں ان کے آباؤ اجداد کے علاقے کبھی نہیں آئے ان کے شعروں اور ان کی تحریروں میں بھی کرب ہجرت کی چھاپ دکھائی دیتی ہے کیونکہ وہ ہجرت کے ردِ عمل یعنی ’’پہچان کے بحران‘‘ کی زد میں آ گئی ہیں اور ہجرت ہمیشہ اس بحران کو جنم دیتی ہے۔ اُردو کے معتبر اہل نظر میں بہت کم ہی کسی نے ہجرت کے بین الاقوامی تناظر کی بات کی ہے جبکہ حسن منظرؔ کے یہاں تاریخ کا یہ تناظر بھی دکھائی دیتا ہے۔ ہجرت دوسری جنگ عظیم کے بعد ایک بین الاقوامی فنا منا بن گئی تھی جس کے سرے اقتصادی تقاضوں سے جڑے ہوئے ہیں اس لئے ترک وطن کا یہ سلسلہ ہے کہ ختم ہونے کو نہیں آتا ہے۔ برصغیر کی اجتماعی ہجرت کے پیچھے بھی اقتصادی تقاضے ہی کارفرما تھے نہ کہ نظریہ، زبان اور عقائد کا تحفظ جس نے قوم کو ایک ’’جھوٹے شعور‘‘ (False Consciousness) کا اسیر بنا دیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد مغرب کے سرمایہ داروں، سیٹھوں، بیوپاریوں اور منڈی کے دلالوں نے اپنے سرکاری گماشتوں کے ذریعہ دنیا بھر کے پسماندہ ملکوں سے سستی اجرت کی مزدوری اور کم تنخواہ اور کڑی شرائط پر پڑھے لکھے لوگوں کی صلاحیت کو خریدنا شروع کر دیا تھا اور یہ رویہ ماضی میں غلاموں کی خریداری سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔ ہمارے بیوپاری اپنا سرمایہ لے کر باہر کے ملکوں میں چلے جاتے ہیں اور ہاں اپنا بیوپار شروع کر تے ہیں تاکہ ان کو اپنے ملک کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ منافع ملے۔ حسن منظرؔ نے اپنی کہانی ’’ بوڑھا مگر مچھ‘‘ میں ہجرت کے اس بین الاقوامی رجحان کو بڑے سلیقے سے پیش کیا ہے جس میں فکر کی کئی متضاد سطحیں نظر آتی ہیں۔ اس کے لوگ یعنی انڈین پریشانی کا شکار تھے۔ افریکا نز اپنی گفتگو میں ہمیشہ اور سر عام کبھی کبھی ان کے لیے کوئی لقب استعمال کرتے تھے۔ ان کے نزدیک انڈیا سے آ کے یہاں بسنے والے وہ قلی تھے جنہیں انگریز یہاں مزدوری کے لئے لائے تھے۔ اس کے ہم قوم افراد کالوں کا ذکر باسٹرڈ (حرامزادے ) کا لفظ استعمال کئے بغیر نہیں کرتے تھے۔ ‘‘دوسری طرف رسوائی سمیٹنے اور گالیاں کھانے والے ہندوستانیوں اور پاکستانیوں کا انداز نظریہ ہے کہ ’’پھر ایک دم جوش میں آتے ہوئے (ابراہیم) بولا۔ مجھے انڈیا اور پاکستان دونوں سے نفرت ہے۔ بھکاریوں کے ملک، ہر طرف گندگی‘‘ حسن منظرؔ نے اصل معروضی صورتحال کا جو آئینہ دکھایا ہے اس کی سند برنارڈ میسن کا مکالمہ ’’کتا اگر گھوڑے کے اصطبل میں بچے پیدا کر دے تو آپ ان کو گھوڑا کس طرح کہیں گے ‘‘ اور رالف رسلؔ کا بیان ہے کہ ’’انگریز اور دیگر یورپین اقوام ایشیائی باشندوں کے تئیں جو تعصب روا رکھتے ہیں اس سے سب واقف ہیں تمام ایشیائی اس تعصب کو برداشت بھی کرتے ہیں۔ کئی دفعہ نوجوانوں کو اس لئے قتل کر دیا جاتا ہے کہ وہ ایشیائی ہیں۔ یہ تعصب روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ (رسلؔ نے اس رویے کی مذمت بھی کی ہے اور لکھا ہے کہ انگریزوں میں بھی ایسے لوگوں کا فقدان نہیں ہے جو اس قسم کے غیر انسانی عمل کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف آواز بھی اُٹھاتے ہیں۔)
اس مجموعے کی ایک اور قابل ذکر کہانی ’’بومیدین‘‘ ہے مگر الجزائر کے بومیدین سے اس کا کوئی تال میل نہیں ہے بلکہ چوری چھپے چلائے جانے والے ایک کلب کے ماحول کا قصّہ ہے جہاں انٹلکچول قسم کے کچھ لوگ روزانہ جمع ہوتے ہیں۔ (ایک ڈاکٹر، عیسائی فرنانڈ سیز اور کم عمر لڑکا اینٹوئیو) یہاں ہنسی مذاق اور فقرے بازی کے ساتھ فکری موضوعات پر بھی مکالمے ہوتے ہیں اور سب ہی کردار کسی نہ کسی نفسیاتی الجھن کا شکار ہیں۔ کہانی لکھنے والے نے تحلیلِ نفسی کے ذریعہ ان الجھنوں کے اسباب کو کھوجنے کی کوشش کی ہے۔ نفسیات پر مہارت سگمنڈ فرایڈؔ کی طرح حسن منظرؔ کے بھی کام آئی ہے۔فرایڈ ؔ نے اپنی پریکٹس کے دوران ہسٹریا کے مریضوں سے بہت کچھ سیکھا تھا البتہ حسن منظرؔ نفسیات کے اسیر نہیں بنے ہیں جیسے کہ فرایڈؔ تھا حالانکہ اس کے بہت سے دعوے محض مفروضات ہیں۔ اُردو کے ا اکثر جدید افسانہ نویسوں نے فرایڈؔ اور ژونگؔ سے استفادہ کیا ہے اور ان ہی کے افکار کی پیروی کی ہے۔ نفسیات بجائے خود اقتصادیات، تاریخ اور ادب کی طرح کوئی جامع اور آفاقی علم نہیں ہے بلکہ علوم کی فہرست کا ایک شعبہ ہے جو خود بھی بہت سی ذیلی شاخوں میں بٹا ہوا ہے۔ ’’سوئی بھوک‘‘ کے مصنف نے زندگی کے خارجی و داخلی زاویوں پر جس میں سیاست، نظریہ، سماج، اقتصادیات اور موجودہ بین الاقوامیت یا گلوبلائزیشن شامل ہیں نفسیات کو حاوی نہیں ہونے دیا ہے، حالانکہ ان کے اکثر افسانوں میں نفسیاتی زاویے دکھائی دیتے ہیں مثلاً روکنگ چیر کا کردار ابن حسنؔ جو انگلستان سے واپسی کے بعد نیم سامقرّو فرینک ہو گیا تھا ’’بومیدین‘‘ اور دوسری کہانیوں میں حقیقت نگاری فینٹسی کے یا جیسے اَسی (۸۰) کی دہائی میں جادوئی حقیقت نگاری کہا گیا تھا راستے سے بیانیہ میں ’’سوئی بھوک‘‘ کی طرح ظاہر نہیں ہوئی ہے اور اس حوالے سے کہانی ’’سوئی بھوک‘‘ اس مجموعے کی منفرد کہانی بھی ہے۔ کہانی کسی بھی اسلوب اور فارم میں لکھی جا سکتی ہے اور یہ دعویٰ ترقی پسند کہانی نے اس قسم کی جدت، بت شکنی اور تجرباتی مشق کی ہمت افزائی نہیں کی تھی لغو الزام ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اسلوب اور فارم کے بعض نئے تجربے ترقی پسند کہانی لکھنے والوں ہی نے کئے تھے ہاں ترقی پسند روایت یہ شرط ضرور لاگو کرتی ہے کہ بیانیہ میں ابہام، تجریدیت، بہت زیادہ فلسفیانہ بلاغت اور تصوریت یا آ ئیڈیلزم حاوی نہ ہوتا کہ تخلیق کا معنوی ربط عام پڑھنے والوں سے ٹوٹنے نہ پائے۔ حسن منظرؔ کی کہانیاں ان شرائط کو پوار کرتی ہیں کیونکہ انہوں نے افسانے پڑھے لکھے قارئین ہی کے لیے لکھے ہیں۔ اینگلو لریکی شعرو ادب میں لکھنے والوں کی اکثریت کا یہی موقف ہے۔ انگریزی کی جدید شاعرہ گیلن کو نوحی نے اپنی نظم ’’فک دی ملینم‘‘ میں بڑی جھنجھلاہٹ کے انداز میں کہا ہے کہ
Every one passing by trying to look away / Culture/
invading a huge hole in the realism
(دی امریکن پوئیٹری ریویو، جنوری فروری ۱۹۹۹ء)
’’ہر سو لوگ بھیڑ بکریوں کی طرح کلچر کو روندتے ہوئے چل رہے ہیں اور حقیقت پر یلغار کر کے اس میں چھید پیدا کر رہے ہیں۔‘‘ حسن منظر ؔ کی کہانیاں ایسی ہی کڑوی کسیلی حقیقتوں کو پیش کرتی ہیں ان کے یہاں جسے کہ باب کنگ نے ابلاغ کی روح کہا ہے یعنی سادگی اور ابہام سے عاری تخاطب ہے۔
کہانی ہو یا شاعری ان کے فنی قالب میں تھیم اور فکر یا نقطہ نظر کو اس طرح اتار لینا کہ کہانیت اور شعریت کے فن و ہیئت کی صورتوں میں کوئی بگاڑ نہ پیدا ہو بڑا جان لیوا کام ہوتا ہے حسن منظر ترقی پسند دور کے ان لکھاریوں میں ہیں جنہوں نے اس ریکھا کو کامیابی سے پار کیا ہے۔ مجھے میرے بے رحم ضمیر سے بچاؤ، وہ سیاسی، مذہبی اور علاقائی لیڈر یا دانشور ہوں جس کے لکھے جس کے پشت پناہی نے فلاں فساد کو جنم دیا تھا جس میں اتنے انسان مارے گئے تھے۔ اتنے ہی جسمانی اور ذہنی اپاہج ہوئے۔ اس گزرتے ہوئے جملے کے اندر سیاسی تاریخ کے زمانوں کی آہٹیں صاف سنائی دیتی ہیں اور اس حقیقت کا اظہار وہی کر سکتا ہے جو نوآبادیاتی اور نئی نو آبادیاتی سامراجیت کے طور طریقوں سے آگاہی رکھتا ہو اور جانتا ہو کہ ہماری اپنی حکومتوں نے یہی سارے طور طریقے مستعار لیے ہیں۔
اس مجموعے کی کہانیوں کا فرداً فرداً تشریحی جائزہ پیش کرنے کی کوئی ضرورت بھی نہیں ہے حالانکہ ’’خدشہ‘‘، ’’منحرف رسوم‘‘ اور ’’روکنگ چیئر‘‘ بھی خاصی مکمل اور گہرے تاثر کی کہانیاں ہیں جن کو طبقاتی حوالے سے بھی دیکھا جانا چاہیے کیونکہ کہانی کار نے نچلے ان پڑھ اور پڑھے لکھے متوسط طبقے کے کرداروں کو موضوع بنایا ہے اور وہ بھی ایک ایسے اور جدید دور میں جب ان پڑھ نچلا طبقہ سیاست، شعر وا دب اور میڈیا کے ڈراموں سے باہر کر دیا گیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم سے پہلے کے زمانے میں امریکی شعر و ادب نے ’’پرولتاری‘‘ کی اصطلاح رائج کی تھی جسے برطانیہ والے ورکنگ کلاس کہتے ہیں۔ اس مجموعے کی کہانی ’’خدشہ‘‘ یقیناً پرولتاری یا ورکنگ کلاس کہانی کا اعلیٰ نمونہ ہے۔ ’’الٹے ہاتھ کو جو گھر تھے ان کے بیچ میں سے ایک نالی ہو کر جاتی تھی اور صبح صبح اور دن میں بھی ان کے گھروں کے بچے نکل کر اس نالی پر بیٹھ جاتے تھے اور پھر اُٹھ کر یوں ہی کھیلنے لگ جاتے تھے۔ کبھی کبھی کوئی عورت گھر سے جو حقیقت میں ایک کچا کمرہ ہوتا تھا جس پر کھپریل چھائی ہوئی تھی باہر نکل کر اپنے کھیل میں لگے ہوئے بچے کو پکارتی تھی کہ آ جا۔ دھُلا لے۔ اور اس پر بچہ منہ بسورتا اس کے پاس جاتا تھا اور اس کا سارا کام دروازے پر کھڑے کھڑے ہو جاتا تھا۔ اکثر مائیں دھُلانے کے بعد بچے کی قمیض ہی کے پچھائے سے اسے پونچھ دیتی تھیں۔‘‘ اس کہانی کا مرکزی کردار ’’شفیق ٹوپی والا‘‘ ورکنگ کلاس کے کردار کا نمونہ ہے۔
اُردو کہانی کی تاریخ میں کہانی کے نت نئے ڈھنگ اور اسالیب کی رنگا رنگی ملتی ہے مگر حسن منظرؔ کے انداز بیان میں نامانوسیت (Defamiliarzation) کے چھینٹے نظر آتے ہیں جو اُردو کے رائج ادبی بیانئے سے ہٹے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ نامانوسیت کا یہ عنصر کہانیوں کی لفظیات میں بھی خاصا نمایاں ہے کیونکہ انہوں نے بہت سے مقامی، پراکرت، ہندی اور پوربی لفظوں کو بھی روانی کے ساتھ اپنے جملوں کے ساتھ پیوند کر لیا ہے۔ اس قسم کے الفاظ عموماً اردو کی ادبی نثر میں نہیں پائے جاتے ہیں اور اگر اکا دکا ہوں بھی تو اتنے کم ہوتے ہیں کہ پڑھنے والوں کو اپنی طرف متوجہ نہیں کرتے ہیں۔ ان کو نہ اجنبی الفاظ کہا جا سکتا ہے اور نہ غیر زبان کے کیونکہ ہزاروں برسوں سے یہ الفاظ برصغیر کے عوام میں زبان زد خاص و عام رہے ہیں اور شاعری میں بھی ان کا استعمال خوب ہوا تھا۔ انشاء اللہ خان نے تو رانی کیتکی کا پورا قصہ ہی ہندی زبان میں لکھ دیا۔ ہماری علاقائی زبانوں خصوصاً پنجابی، سندھی اور ہندکو میں تو یہ الفاظ بڑی مقدار میں مستعمل ہیں۔ برصغیر کے بٹوارے کے بعد ہمارے یہاں ادبی نثر اور بول چال میں ان لفظوں کا استعمال کم ہوتا چلا گیا اور یہاں کے ماحول میں پلنے بڑھنے والی نسلوں کے لئے یہ الفاظ اجنبی ہو کر رہ گئے۔ اس طرح اُردو کی شعری اور ادبی زبان کے اس طبقاتی کردار کو بڑھا وا ملا جس کی روایت اٹھارویں صدی میں شروع ہوئی تھی اور اس کی وجہ سے اردو شعر و ادب عوام سے دور ہوتا چلا گیا۔
’’سو ئی بھوک‘‘ کی کہانیوں میں جا بجا انگریزی لفظوں اور فقروں کا بھی استعمال ہوا ہے مگر صرف ان ہی کہانیوں میں یہ استعمال ملتا ہے جن کے کردار پڑھے لکھے متوسط اور انٹلکچول طبقے سے جڑے ہوئے ہیں کیونکہ ہمارے پڑھے لکھے طبقے میں یہ وبا اعلیٰ مراعات یا فتہ طبقے اور بیوروکریٹس کے ذریعہ پہنچی اور پھر ٹی وی کے ڈرامائی کرداروں نے ان کو خوب فروغ دیا۔ لسانی رجحان کے اس پہلو کو حسن منظرؔ نے اسی تناظر میں پیش کیا ہے اور صحیح کیا ہے۔
بیانیہ اسلوب، کہانی کی ٹیکنک اور فن کے اغبار سے رائج اصطلاح میں حسن منظر کو جدید بلکہ کسی حد تک بعد جدید ترقی پسند کہا جا سکتا ہے مگر نقطہ نظر اور موضوعاتی جہات کے اعتبار سے اُردو کی رائج جدیدیت پسندی سے کوئی واسطہ نہیں ہے اور ایک ترچھا سا نظریاتی خط ان کے افسانوں میں موجود ہے جس کو وہ مزید واضح بھی کر سکتے تھے۔ وہ بلاشبہ ایک ہنر مند کوزہ گر ہیں ’’سوئی بھوک‘‘ پڑھنے والوں کو نہ صرف اپنے بہاؤ میں شامل کر لیتا ہے بلکہ کوئی استعجاب (Suspense) پیدا کئے بغیر جھنجھوڑتا بھی ہے، جگاتا بھی ہے اور آئینہ بھی دکھاتا ہے۔ ’’یہاں تو ہر بدمعاش کی دو شخصیتیں ہوتی ہیں ایک کو وہ مرڈر (قتل Murder) کرنے رشوت لینے کے کام میں لاتا ہے اور دوسری کو لے کر حج پر جاتا ہے۔‘‘ یا ’’یہ بھی متوسط اور جاگیرداری سماج کا وہ وصف ہے کہ محنت کشوں کو ہما شما سمجھو اور ان کا نا م بھی بگاڑ کر لو۔‘‘تو پھر جدید ترقی پسند روایت کو بڑھاوا دینے کی اس کوشش پر ادب کی قلمرو میں ان کا سواگت کیوں نہ کریں !
انسان کا دیش
سہیل احمد خان
اگر یہ دعویٰ کیا جائے کہ حسن منظر اہم معاصر افسانہ نگاروں میں شامل ہیں تو بہت سے قارئین کو تعجب ہو گا۔ اس کی وجہ غیر فِطری بھی نہیں کیونکہ حسن منظر زیادہ معروف نہیں ہیں اور افسانے کے وہ مبصّر جن کے مضامین میں معاصرافسانہ نگاروں کی طویل فہرستیں بغیر کسی گہری تنقیدی بصیرت کے درج ہوتی ہیں بالعموم اُنھیں نظرانداز کر رہے ہیں۔ حسن منظر کی کتابوں پر چند اچھے تبصرے ہوئے ہیں مگر انگریزی میں۔ محمد سلیم الرحمن کے دو تبصرے روزنامہ پاکستان ٹائمز لاہور میں شائع ہوئے ہیں اور اُن کی تازہ ترین کتاب ’’انسان کا دیش‘‘ پر مظفر علی سید کا تبصرہ ہفت روزہ فرائیڈے ٹائمز لاہور میں شائع ہوا ہے۔ جدید افسانے کے ایک اہم ناقد محمد عمر میمن نے آصف فرخی سے اپنے ایک انٹرویو (مشمولہ ’’حرفِ من و تُو‘‘ مرتبہ آصف فرخی) میں حسن منظر کے افسانوں کے بارے میں پُر جوش انداز میں بات کی ہے۔میمن صاحب نے حا ل ہی میں جدید اُردو افسانے کی انگریزی تراجم پر مشتمل دو کتابوں کی اشاعت کا اہتمام کیا ہے۔ The Colour Of Nothingness پینگوئن انڈیا نے ۱۹۹۱میں شائع کی۔ اور The Tales of Old Fishermanواشنگٹن سے Three Continents Press نے ۱۹۹۱ ہی میں شائع کی ہے۔ ان مجموعوں کے لئے حسن منظر کی دو کہانیاں ’’ رہائی‘‘ اور ’’بے چارے ‘‘ ترجمے کے لیے منتخب کی گئی ہیں۔
اس بیان کا ماحصل یہ ہے کہ اگرچہ حسن منظر، ادبی جائزوں کی طویل فہرستوں میں جگہ نہیں پاتے تاہم اُردو افسانے سے گہری دلچسپی رکھنے والے کچھ ناقدین ان کی طرف متوجہ ہوئے ہیں۔ضر روت اس چیز کی ہے کہ عام قارئین اُن کی افسانوی بصیرت سے آشنا ہوں۔ اس سلسلے میں کچھ دقتیں رہی ہیں۔ حسن منظر ۱۹۳۴ میں گورکھپور (بھارت) میں پیدا ہوئے۔۱۹۴۷ میں پاکستان آنے کے بعد ضروری تعلیم کے بعد میڈیکل کالج میں داخل ہوئے۔ اُن کی چند ابتدائی کہانیاں ’’ سویرا‘‘اور دیگر معروف جرائد میں شائع ہوئیں پھر وہ ملازمت کے لیے ملک سے باہر چلے گئے۔ ڈچ مرچنٹ نیوی میں سرجن رہے۔ سعودی عرب، نائیجریا، لاگوس اور بعض دوسرے ممالک میں ملازمت کرتے رہے پھر رائل کالج آف سرجری ایڈنبرا یونیورسٹی میں مزید تعلیم حاصل کی اب اُن کی دلچسپی کا شعبہ سائیکٹری ہے کوالالمپور (ملایا) میں پڑھا چکے ہیں اور اب کئی برسوں سے حیدر آباد سندھ میں ایک ماہر سائیکٹریسٹ کے طور پر معروف ہیں۔
ملک سے طویل غیر حاضری کے دوران میں وہ بطور افسانہ نگار اوجھل ہو گئے لیکن اُن کا افسانوی تخیل فعال رہا۔ اُن کے افسانوں کے دو مجموعے ’’رہائی‘‘ (۱۹۸۱) اور ’’ندیدی‘‘ (۱۹۸۲) حیدر آباد (سندھ) ہی سے شائع ہوئے اور دوسرے ادبی مراکز کے قارئین تک زیادہ تعداد میں پہنچ نہ پائے۔پھر ’’رہائی‘‘ میں شامل نو افسانے پہلی بار اسی مجموعے میں شائع ہوئے تھے اور ’’ندیدی‘‘ کے نو افسانوں میں سے چھ ’’افکار‘‘ کراچی کے مختلف شماروں میں شامل ہوئے تھے چنانچہ ’’افکار‘‘ کے قارئین کے دائرے کے باہر زیادہ لوگ اُن کی افسانہ نگاری سے مانوس نہیں تھے۔
اُن کے افسانوں کا تیسرا مجموعہ ’’انسان کا دیش‘‘ قوسین لاہور نے شائع کیا ہے (سال اشاعت ۱۹۹۱) اور دس افسانوں پر مشتمل ہے۔
یوں تو حسن منظر کے افسانوں کی بعض بدیہی خصوصیات بھی ایسی ہیں جو اُن کی طرف فوری طور پر متوجہ کرتی ہیں مثلاً ان کے افسانوں کا منظر نامہ اُن کے اکثر معاصرین کے افسانوں سے زیادہ پھیلاؤ کا حامل ہے کراچی شہر میں آباد مختلف قومیتوں اور سندھ کے ہندو گھرانوں کی کہانیوں سے افریقہ کے مناظر تک اُن کے افسانوی دائرے میں جگہ پاتے ہیں (’’کانہادیوی کا گھرانا‘‘ ’’سفید آدمی کی دنیا‘‘ اور ’’فائل نمبر ۷/ جنگلات) ’’زمین کا نوحہ‘‘ میں پوری زمین جہاں عورتیں باقی نہیں رہیں جبلت اور تخلیق کے گُم ہونے کی کہانی۔ سندھ کی مقامی آبادی کے طبقات سے ایرانی طوائفوں کی صورتِ حال تک اُن کے افسانوی منظر نامے میں شامل ہوئی ہے۔ ماحول کی اس وسعت کے ساتھ ساتھ سماجی و اقعیت نگاری کی بعض گہری صورتیں جنھیں کم از کم اُن نقادوں کو تو پہچان لینا چاہیے تھا جو واقعیت کے شیدا ہیں مگر یہ نقاد موقع ملنے پر ساحرؔ لدھیانوی کو فلسلفی شاعر ثابت کرنے کی صلاحیت تو رکھتے ہیں وہ واقعیت جو اکہری نعرہ بازی سے الگ ہو اُسے پہچاننا ان کے بس کی بات نہیں۔ پھر حسن منظر کی گہری انسانی ہمدردی جس کا ذکر تو ہماری تنقید میں ہوتا رہتا ہے لیکن نعرے کی سطح پر، حسن منظر کی ہمدردی انسانی رشتوں کا تجزیہ کرتی ہے کسی نعرے میں نہیں ڈھلتی اور جس کا ذکر کرتے ہوئے محمد عمر میمن کوچے خف کی یاد آئی ہے۔
اِسی طرح زبان کی سطح پر سندھ کے مقامی الفاظ اُن کے ہاں اُردو کے معاصر افسانہ نگاروں سے زیادہ آئے ہیں نیز مختلف لسانی گروہوں کی بول چال اُن کی مکالمہ نگاری میں مہارت سے ڈھلتی ہے۔ یہ تمام خوبیاں اتنی ارزاں نہیں کہ حسن منظر کی قدر نہ کی جائے لیکن اس وقت میری دلچسپی ان خصوصیات سے آگے جا کر ان کی افسانہ نگاری میں حسّا سیت کا وہ مرکز تلاش کرنے میں ہے جس سے اُن کا افسانوی تخیل گردو پیش پھیلی ہو ئی زندگی کو مختلف سانچوں میں ڈھالتا ہے مظفر علی سید صاحب نے عام سطح کی واقعیت نگاری سے حسن منظر کا امتیاز قائم کرنے کے لیے جارج لوکاچ کی معنی خیز اصطلاح ’’انتقادی واقعیت نگاری ‘‘ (Critical Realism) استعمال کی ہے جس سے حسن منظر کے فن کی تفہیم میں آسانی ہو سکتی ہے۔
مگر حسن منظر کے افسانوی طریقہ کار میں ’’تجزیے ‘‘ سے زیادہ واقعات سے ’’قربت‘‘ کا پہلو نمایاں ہے اس لئے جی چاہتا ہے کہ اُن کے اندازِ تحریر کو ’’مظہریاتی ‘‘ (Phenomenological) قرار دیا جائے۔ یہ ’’مظہریت‘‘ منٹو کے ہاں عروج پر ہے اور وارث علوی نے بجا طور پر منٹو کو اُردو کا سب سے بڑا ’’فینومینولوجسٹ‘‘ قرار دیا ہے۔ منٹو کا تجزیاتی انداز بظاہر سفاکانہ بے تعلقی لئے ہوئے ہیں مگر انسانی ہمدردی جو اس کی تہہ میں ہوتی ہے بہت گہرائی رکھتی ہے۔ حسن منظر سطح پر بھی اتنی معروضیت قائم نہیں رکھ پاتے، جذبے کا گداز چھپائے نہیں چھپتا مگر اس میں اتنا گیلا پن نہیں ہوتا کہ لجلجاہٹ میں ڈھل جائے۔واقعات اور کردار بہرحال اُن کے لیے مظہریاتی صداقت رکھتے ہیں۔ زندہ تھر تھراتے ہوئے لہو کی طرح گرم اور چمکتی ہوئی دھوپ کی طرح حواس پر چھاتے ہوئے یہ واقعیت، اچانک پھَٹ پڑتی ہے زندہ واردات بن جاتی ہے اور حسن منظر کا افسانوی تخیل اس سے نبرد آزما ہو جاتا ہے۔ نظریہ ساز انھیں اس راہ کے خطرات سے ڈراتے رہتے ہیں مگر عافیت کا یہ رستہ حسن منظر کو نہیں بھاتا وہ خود لکھتے ہیں ’’کبھی کبھی مجھے افسانوں سے متعلق حکم نامے بھی ملا کرتے ہیں ‘‘ ایران کا انقلاب ابھی اپنے ارتقا میں ہے، مکمل نہیں ہوا ہے۔ اس کے بارے میں (خلاف) کچھ کہنے میں ہمیں عُجلت سے کام نہیں لینا چاہیے (’’پس لفظ‘‘ مشمولہ ’’انسان کا دیش‘‘) یعنی واقعات جب خود بخود آپ کے نظری سانچے کے مطابق ہوں تبھی انھیں تحریر میں لانا چاہیے مگر وہ واقعات جو مظہریاتی انداز میں انسانی زندگی کی توڑ پھوڑ کر رہے ہیں اُن کو گرفت میں لینے کی کوشش قابلِ اعتراض ہے۔ اس مظہریات کی تشریح کے لیے فلسفیوں سے رجوع کیا جا سکتا ہے مگر اور تیگاری گاسیت نے اس کی تشریح فن کے حوالے سے بھی کر رکھی ہے (Dehumanization Of Art) میں گاسیت نے فینامینو لوجی کے چند ’’قطرے ‘‘ اس مثال کے ذریعے سے ٹپکائے ہیں۔ ایک بڑا آدمی مر رہا ہے اُس کی بیوی اُس کے بستر کے قریب ہے۔ ڈاکٹر اُس کی نبض دیکھ رہا ہے۔ پیچھے دو اور آدمی ہیں ایک تو اخباری رپورٹر جو پیشہ وارانہ ضرورت کی وجہ سے یہاں ہے اور ایک مصوّر جو یونہی آ گیا ہے یہ سب ایک ہی واقعے کو دیکھ رہے ہیں مگر سب کا اپنا اپنا زاویہ ہے سبھی اپنے اپنے انداز میں واقعے سے متاثر ہو رہے ہیں مگر بیوی کا غم ذاتی ہے اور اُس کی ہمدردی کی سطح الگ ہے۔ ڈاکٹر بھی ہمدرد ہے مگر اُس کا غم ایسا نہیں اور رپورٹر کچھ الگ ڈھب سے واقعے کا اثر لے رہا ہے اور مصوّر ان سب سے الگ ہے اور بڑی حد تک بے تعلق۔ ایک ہی واقعے سے چاروں کا تعلق چار مختلف سطحوں کا ہے۔ بیوی واقعے کا حصہ بن گئی ہے اور مصوّر واقعے سے خاصے فاصلے پر ہے۔
یہ واردات کو جینے اور واردات کو دیکھنے کا فرق ہے۔ حسن منظر واردات کو جھیلنے میں یقین رکھتے ہیں یہی مظہریاتی صداقت ہے جو ہمارے شعور کو جھنجھوڑ دیتی ہے۔
جو کرکٹ کے ہیرو عمران خان کو یہ کہنے پر مجبور کرتی ہے کہ لوگ کینسر سے مرتے رہتے ہیں مگر مجھے کبھی کینسر اسپتال بنانے کا خیال نہیں آیا لیکن جب میں نے اپنی ما ں کو اس مرض میں اذیت سے مرتے دیکھا تو میں نے اسپتال بنانے کا ارادہ کیا۔ یہی مظہریات ہے جو نظریہ سازی کی عافیت میں رہے تو کہتی ہے میں اِس اُصول کا حامی ہوں کہ بوڑھوں کو جوانوں کی رستے کی رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ملازمتوں میں توسیع نہیں ہونی چاہیے مگر جب اپنا موقع آتا ہے تو ملازمت میں توسیع کے لیے بھاگ دوڑ میں راتوں کی نیند حرام ہو جاتی ہے واردات اب حصا توڑ کر کھٹ سے ماتھے سے آ ٹکراتی ہے۔ یہ تو روزمرہ زندگی کے عام حقائق ہیں کہیں کہیں تو آئیڈیالوجی اور فینا مینولوجی کا سیاسی سطح کا ہولناک تصادم بھی ہو جاتا ہے اس کی مثال کسی مغربی ناول میں نہیں ایک بنگالی کہانی میں دیکھیے ٔ کیونکہ اس کا اردو ترجمہ ہو چکا ہے۔ سنیل گنگو پادھیائے کی یہ کہانی محمد اسد الدین نے ’’بیجون‘‘ کے عنوان سے ترجمہ کی ہے اور ’’کتاب نما‘‘ دہلی میں اگست ۱۹۸۸ کے شمارے میں شائع ہوئی تھی۔ بیجون ایک مقصد کے لیے لڑنے والا انسان ہے اور اپنے مقصد کے اعلیٰ ہونے کا بھی اُسے یقین ہے۔ وہ ھیم چودہدی کو ذاتی طور پر نہیں جانتا مگر اُس کے نظریاتی ساتھیوں نے اُسے بتایا تھا کہ وہ عوام کا دشمن ہے اس لئے پارٹی نے اُس کا کام تمام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بیجون اس منصوبے پر عمل کرتا ہے اور صبح کی سیر کے لیے نکلے ہوئے اپنے نظریاتی دشمن پر چھُرے سے وار کرتا ہے اتفاقاً ھیم چوہدری کی پانچسالہ پوتی بھی اُس کے ساتھ تھی چنانچہ ھیم چوہدری سڑک پر گر پڑے تھے۔ رتن نے انھیں دبوچ لیا تھا۔ بیجون نے اپنا چھُرا اٹھایا اور اُن پر مارا۔ ہرن مے نے بھی ھیم چوہدری نے بھی رتن کو پہچان لیا۔ اُس کا ہاتھ پکڑ کر انھوں نے التجا کی ’’رتن، ارے بھائی تم ! مجھے مت مارو، خدا کے لیے میری جان بچاؤ!‘‘ مگر ھیم چوہدری کا کوئی سوال نہیں تھا انھیں اب ہمیشہ کے لیے خاموش ہونا تھا۔عموماً اس طرح کے حالات میں مصیبت زدہ کے ہم عمر ساتھی خوف کے مارے بھاگ جاتے ہیں اگر ھیم چوہدری کے بھی ایسے ہی ساتھی ہوتے تو انھیں بھی ھیم چوہدری کی مدافعت کرنے کے بجائے اپنے آپ کو بچانے کی زیادہ فکر ہوتی لیکن ایک بچی کبھی بھی ایسی خود غرض اور ڈرپوک نہیں ہو سکتی۔ شروع میں تو وہ بھی نہ سمجھ سکی کہ کیا ہو رہا تھا اس نے چلّا کر پکارا دادو، دادو اور پھر ھیم چوہدری سے لپٹ گئی۔ اُس وقت تک ھیم چوہدری زندہ تھے اور ایسی نازک حالت میں ان کو چھوڑ جانا خطرے سے خالی نہ تھا۔ بُری طرح زخمی ہونے کے باوجود ھیم چوہدری رتن کا نام بتا سکتے تھے۔ ادھر ان پر کیا گیا دوسرا حملہ بچی کو بھی زخمی کر سکتا تھا۔
رتن نے اپنی چیخ کو سختی سے دبا دیا اور بیجو ن سے کہا ! بچی کو ہٹاؤ۔ اس وقت تک کہ رتن اپنے بیگ سے بم نکال چکا تھا جسے بھاگنے سے پہلے استعمال کرنا تھا۔ بیجون نے بچی کو دور ہٹا دیا اُس کے خون آلود ہاتھ سے بچی کے بازو پر لال نشان بن گئے۔
یہ بچی بیجون کے لیے تمام تر نظریہ سازی کے باوجود ایک ایسا مظہر بن جاتی ہے جو اُس کو گہرے احساسِ جرم میں مبتلا کر دیتا ہے اور افسانے کے آخر میں جب وہ ھیم چوہدری کے گھر کے قریب ایک پان والے سے بچی کے بارے میں پوچھتا ہے تو اسے پتا چلتا ہے کہ ’’گزشتہ دس دنوں سے وہ بے ہوش پڑی ہے، جب کبھی تھوڑی دیر کے لیے اُسے ہوش آ جاتا ہے تو اس کے سامنے۔۔۔۔ پتا نہیں وہ اچھی بھی ہو سکے گی یا نہیں۔‘‘ بیجون اپنے آپ سے سوال کرتا ہے۔
بیجون کیا تم مجرم ہو؟
معمول کے مطابق اس نے مضبوطی سے جواب دیا، نہیں۔
اور یہ کہتے ہوئے وہ ریلنگ پر جیسے تھک ہار کر گر پڑا۔ رات اندھیری تھی۔ بیجون تنہا تھا۔ فضا اس کی سسکیوں سے بھر گئی۔
نظریہ سازی ممکن ہے اس کشمکش کو بھی جذباتیت کہہ کر ٹال دے۔ اعلیٰ مقصد کے لیے قتل ہوں یا بموں کے دھماکے، اجنبی لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دینا ہو یا کسی بم سے بس یا ویگن کو اڑا دینا سب کا کچھ نہ کچھ جواز تو موجود رہتا ہی ہے لیکن اگر یہ واقعہ ایسا مظہر بن جائے جس کا سنیل گنگو پادھیائے کی کہانی میں تذکرہ ہوا ہے تو اس کی ہولناکی سے بچنا بھی آسان نہیں۔
’’انسان کا دیش‘‘ میں شامل حسن منظر کے افسانے ہمیں بار بار واقعات کے تانے بانے کو ایسے مظاہر میں تبدیل کر دیتے ہیں جن سے اضطراب آسا کشمکش کرنی پڑتی ہے۔ حسن منظر کی حساسیت ان مظاہر سے ٹکرا کر شعلے بکھیرتی ہے۔ یہ چنگاریاں اُن کے لفظوں سے جگہ جگہ پھوٹ پڑتی ہیں۔
ان کے افسانے ’’انسان کا دیش‘‘ کا موبز روہمن سیلر ہے۔ پورے افسانے میں بحری جہاز کا ماحول اور ملاحوں کی بولی بڑی مہارت سے لائے گئے ہیں۔ موبز روہمن کا نیشنلزم اور پھر افسانے کے آخر میں اس خواب کا چکنا چُور ہونا بھی مظہریاتی صداقت کے طور پر ظاہر ہوتا ہے۔
’’جس فصل کو پالا مارا گیا ‘‘میں اغوا کیا ہوا آدمی اور اسے اغوا کرنے والے طالبِ علم (دھاڑی) اس طرح مقابل ہیں کہ واردات کسی نعروں سے کہیں زیادہ معنی خیز تاثر ابھارتی ہے اغوا کرنے والے جو واردات کرتے ہوئے مرشد کی درگاہ پر حاضری بھی دیتے ہیں اور انقلاب کی باتیں بھی کرتے ہیں اور اغوا کیا جانے والا آدمی جس کے زخم سے بدبو آ رہی ہے ایک عجیب معاشرتی ڈرامے کا حصّہ ہیں اس وقت جب نیشنلزم کا دائرہ اور محدود ہو کر لسانی گروہوں اور انقلاب کا تصور بڑے آدرش کی سطح سے اُتر کر کسی مخصوص چھوٹے سیاسی گروہ کے تصورِ انقلاب تک اُتر آیا ہے حسن منظر کی یہ کہانیاں بہت کچھ کہتی ہیں افسانہ نگار کی ’’جانب داری‘‘ کا فوری فیصلہ نہ کیجیے تو مسئلے کے کئی گہرے انسانی رُخ واضح ہوں گے۔ واردات کی قربت صرف اُنہی افسانوں میں نمایاں نہیں جن کا سیاق و سباق ہے۔ ’’اوپر والی‘‘ اور ’’ساتھ‘‘ جیسے افسانوں کو دیکھیں جن میں مسئلہ انسانی تعلقات کا ہے۔ ’’ساتھ‘‘ میں جس طرح انسانی رشتوں کی دلگداز خوشبو بھر دی گئی ہے وہ بہت کم یاب ہے۔ بوڑھا سُسر اور اُس کی بیوہ بہو، جو گھر میں اکیلے رہ گئے ہیں۔ سُسر کو یہ وہم ستاتا ہے کہ اس کے مرنے کے بعد رابعہ کا کیا ہو گا اور رابعہ سُسر کی موت کے اندیشے سے کانپتی ہے دونوں کے درمیان اپنے اپنے خوابوں اور واہموں کے حوالے سے ایک نیا رشتہ ابھرتا ہے۔
’’پھر اُنھوں نے کہا بیماری میں میں نے بڑا عجیب خواب دیکھا تھا۔ تمہیں بتانا بھول گیا تھا آج خواب یاد آیا تو سوچا تمہیں بھی سُنا دوں۔
میں نے دیکھا کہ اِس گھر میں ایسی شام ہے جیسے کوئی یہاں چل بسا ہو اور ایک ایک کر کے پُر سے کے لئے آنے والے جا چکے ہیں۔ اور آخری آدمی کے جانے کے بعد تم نے اندر سے دروازہ بند کر لیا ہے اور گھر میں بالکل اکیلی ہو یہ کہتے کہتے اُن کی آواز بھرّا گئی۔
رابعہ نے کہنا چاہا، آپ اپنا خواب بیان کر رہے ہیں یا خوف؟
لیکن خیالات کی باڑھ خود اسے بہا لے چلی۔
جیسے ان باتو ں سے بازی سُسر نے جیت لی ہو اور بالآخر وہ گھڑی آن پہنچی ہے جس کے لئے وہ اُسے اتنے دنوں سے تیار کر رہے تھے : سہمی سہمی سی رسومات کے بعد جو کسی بیوہ ہی کی شادی کے وقت دیکھنے میں آتی ہیں، جو تھوڑے بہت متین قسم کے باراتی ہیں اُسے خاموشی سے بیاہ کر لے جاتے ہیں پھر آخری مہمانوں کے چلے جانے کے بعد جو محلے ہی کے چند افراد ہیں بڑے میاں صحن کے دروازے کو اندر سے بند کر کے تھکے تھکے قدموں سے بھائیں بھائیں کرتے ہوئے اس گھر میں اپنے کمرے کی طرف لوٹ رہے ہیں۔
بوڑھے نے پوچھا ’’کیا ہوا؟‘‘
’’کچھ نہیں ‘‘اُس نے جیسے نیند سے چونکتے ہوئے کہا ہو اور اُسے خیال آیا میں بھی اپنا خواب سُناد وں لیکن اسے اُن پر ترس آ گیا۔
بوڑھے کو خیال آیا ان باتوں کو سوچنے کا فائدہ ہی کیا، کون سی میرے کہنے سے اس کی شادی ہوئی جاتی ہے ! ناحق اس بے چاری کو ڈرایا۔
دونوں کو اطمینان کا ایک جھونکا چھُوتا ہوا گزر گیا۔
حسن منظر کے افسانوں میں مظہریاتی واقعیت نگاری کے کئی رُخ ہیں بچوں کے کردار، عورتوں کے کردار، مل کر اس واقعیت کی ایک اہم جہت بن جاتے ہیں، طوائف کے موضوع پر اُن کے افسانے اِ س موضوع پر لکھنے والوں سے کئی امتیاز رکھتے ہیں۔ منظر کشی میں بھی اُن کا انداز عام افسانہ نگاروں سے بہت الگ ہے خاص طرح کی کفایت لفظی سے کام لیتے ہوئے اور جذباتی تصنع سے بچتے ہوئے وہ چند ماہرانہ اشاروں سے ماحول کی تشکیل کر دیتے ہیں۔
’’رات کو جب جھاڑیوں سے ہوا سرسراتی ہوئی گزرتی ہے۔ جب جسم میں کپکی اُٹھتی ہے۔ جھڑبیری کے بیر اندھیرے میں اونگھنے لگتے ہیں اُس وقت کے انتظار میں جب کوئی چھُو کر صبح صبح آن کر اُنھیں توڑے گا اور نیند کے چونکائے ہوئے کوّے اپنی زبان میں گالیاں بکتے، شور مچاتے، پیڑوں کے آس پاس اوپر اندھیری ہوا میں پنکھ پھیلائے دائرے بنانے لگتے ہیں، اس وقت کچھ روحیں ہیں جو فالیزوں پر بے سُدھ پڑے ہوئے تربوزوں کے درمیان راستہ ڈھونڈھتی ہوئی ان پیڑوں کے نیچے آن جمع ہوتی ہیں۔ اپنے دُکھڑے ایک دوسرے کو سنانے : دکھڑے جو زندگی کے بعد تک چلتے ہیں ‘‘ (وارد)
’’اغوا کیا ہوا آدمی ایک جھلنگے پلنگ پر بیٹھا اپنی تقدیر کو رو رہا تھا اور دو چھوٹے دھاڑی زمین پر بیٹھے بھُٹّے سینک رہے تھے۔ بڑا دھاڑی کوئی معرکہ سر کرنے کے لئے کہیں گیا ہوا تھا۔ سردی ہلکی تھی تو بھی اس کچے کمرے میں زمین کے قریب دیواروں میں بنائے ہوئے گول موکھوں سے ہوا سیدھی بسورتے ہوئے آدمی کی طرف آ رہی تھی۔ باہر کھیتوں میں دس بجے کی دھوپ ٹھنڈی ہوا میں لوسن کے پودے ایک طرف اور دوسری طرف پیاز کے پودے اپنے سروں پر تاج جیسے پھُول سجائے جھر جھریاں لے رہے تھے لیکن وہ دھوپ تک نہیں پہنچ سکتا تھا اور نہ دھوپ اس تک چل کر آ سکتی تھی۔‘‘ (جس فصل کو پالا مار گیا)
’’رجب کا چاند پورا ہونے کو تیار بیٹھا تھا۔ بس ایک طرف کو ایک ککّر کی کمی رہ گئی تھی۔ اُس پر سے ہو کر گزرنے والے چھدرے بادل کبھی صحن میں اندھیرا کر جاتے تھے۔ کبھی جیسے بتّی کھلی چھوڑ کر آگے بڑھ جاتے تھے۔ (برسی)
اگر آپ ان فہرستوں کو شک کی نظر سے دیکھیں جو ہمارے افسانے کے مبصّر، کسی مخصوص ادبی گروہ کے زیرِ اثر یا بعض رائج الوقت اسالیب سے مرعوب ہو کر بناتے ہیں تو حسن منظر کی افسانہ نگاری سے ربط قائم کرنا مشکل نہیں اور یہ رابطہ یقیناً ایک ایسے افسانہ نگار سے ہو گا جس کی واقعیت میں حساسیت کی گہری سطحیں بھی ہیں۔ جس کا مشاہداتی دائرہ وسیع ہے کہ اس دائرے میں مختلف خطّوں کے کرداروں سے تعارف ہو سکتا ہے۔ جس کے ہاں انسانی دُکھ سکھ کی پہچان کے کئی رنگ ہیں اور جس کے افسانوی لہجے میں مختلف نسلی اور لسانی گروہوں کی بولی کے ذائقے بھی ملتے ہیں۔
اور جو انسانی مسائل اور انسانی رشتوں کو ’’خبر ‘‘ کی سطح کے پار دیکھنے کا گُر بھی جانتے ہے۔
اس مضمون میں حسن منظر کی حساسیت کا مرکزی نقطہ مظہریاتی دائرے میں تلاش کیا گیا ہے مگر اس سے یہ نتیجہ نکالنا درست نہیں ہو گا کہ افسانہ نگار چیزوں تک واپسی کا سفرتو طے کرتا ہے اُنھیں کسی نئی معنویت میں نہیں ڈھالتا بس یہ معنویت نعرے بازی کی معنویت سے مختلف ہے۔
٭
نئے گوشوں کی دریافت
در حقیقت ڈاکٹر حسن منظر نے منگل سوتر کے سنسکرت آمیز ا سکرپٹ کا جس عرق ریزی سے ترجمہ کیا ہے اس کے لیے وہ لائق مبارک باد ہیں۔ڈاکٹر حسن منظر نے ’’پریم چند۔ زندگی کا آخری سال، آخری ناول‘‘ کے عنوان کے تحت جو تعارف بلکہ کہنا چاہیے کہ مقدمہ لکھا ہے وہ منگل سوتر کے تھیم پر صحیح روشنی ڈالتا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے ان کے فن کا بالخصوص ’’گؤ دان‘‘ کے حوالے سے معروضی جائزہ بھی لیا ہے اور یہ کوشش کی ہے کہ اس ناول میں پریم چند کے چند خود نوشتانہ اثرات کو دریافت کیا جائے اس طرح وہ افسانہ نگاری کے میدان کے علاوہ تحقیق و تنقید کے میدان میں بھی داخل ہو گئے ہیں اور ادھورے اور ناتمام ناول اور کہانیوں کو چھاپنے کے رجحان کی بھی آبیاری کی ہے جو کہ ہمارے ادب میں توانا رجحان نہیں ہے جب کہ مرحوم ادیبوں کی ادھوری آخری تحریروں سے بھی ان کے فن کے نئے گوشوں کی دریافت میں مدد ملتی ہے۔ یہ کتاب عام قارئین اور محققین دونوں کے لیے مفید ثابت ہو گی۔
ڈاکٹر محمد علی صدیقی
(کراچی)
اشکوں میں رعنائی
مسکین احمد منصور ( کراچی )
ایک اچھے ناول کے اجزائے ترکیبی میں پلاٹ، کردار، setting، مکالمے، حقیقت نگاری اور style وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ پلاٹ کی خوبی یہ ہے کہ شروع سے آخر تک ایک ہی کہانی ہو اور ہر واقعہ دوسرے واقعے سے جڑا ہوا ہو۔ اس میں تجسس ہو اور پڑھنے والے کو اندازہ نہ ہو سکے کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔ کہانی تہ در تہ ہو اور یہ تہیں ایک ایک کر کے کھلتی جائیں اور پڑھنے والا اس سے زیادہ لطف محسوس کرے جو لکھنے والے نے لکھتے ہوئے کیا تھا۔ کردار جیتے جاگتے، آپ اور مجھ جیسے انسان ہوں۔ نہ فرشتہ نہ شیطان، بس ان دونوں کے درمیان۔ اپنی اپنی خوبیوں اور خامیوں کے ساتھ۔ Setting جہاں کی بھی ہو لکھنے والے کو اس سے پوری طرح واقف ہونا چاہیے۔ مصنف اگر جسمانی طور پر نہیں تو تصوراتی طورپر وہاں رہا ہو۔ اس کے تخیل کی آنکھ ایسی ہو کہ جو کچھ بیان کرنا ہے اسے Imagination میں خود بھی دیکھ سکے اور دوسروں کو بھی دکھا سکے تاکہ پڑھنے والا اپنے آپ کو اس جگہ محسوس کر سکے۔ مکالمے مختصر، بامعنی اور بے ساختہ ہوں اور کرداروں کی ذہنی سطح سے مطابقت رکھتے ہوں۔ ان کی زبان اگر Informal ہو تو بہتر ہے۔ خوبصورت مکالمے ناول کی جان ہوتے ہیں جو قاری کے ذہن پر نقش ہو جاتے ہیں۔ حقیقت نگاری یہی ہے کہ ناول کا ہر کردار، ہر واقعہ اور ہر بات سچ لگے۔ حقیقت نگاری حقیقت کا گمان پیدا کرتی ہے۔ Reality اور فکشن میں یہی فرق ہے کہ Fiction has to make sense. مصنف کو وہی بیان کرنا چاہیے جو کچھ ہو چکا ہے، ہو رہا ہے یا ہونے والا ہے۔ Style وہ انفرادی طریقہ ہے جس میں لیکھک اپنے خیالات کا اظہا ر کرتا ہے۔ یہ لفظوں کے درست استعمال، جملوں کی بناوٹ اور خیالات کی صحیح ترتیب سے وجود میں آتی ہے۔ Styleکی مختصر تعریف Swift نے اس طرح کی ہے Proper words in proper place. اس میں لکھنے والے کی شخصیت جھلکتی ہے۔ Styleناول کو Powerاور خوبصورتی عطا کرتی ہے۔ Powerذہن کو متاثر کرتی ہے اور خوبصورتی دل کو۔ تحریری خوبصورتی کو محسوس کرنا آسان ہے اور بیان کرنا دشوار۔ اچھی تحریر میں وہی اثر ہوتا ہے جو تازہ ہوا کے جھونکے میں، دھرتی کی خوشبو میں اور آسمان کی نیلاہٹ میں۔ ایسی چیزیں انسان پر کچھ دیر کے لئے جادو کر دیتی ہیں اور اچھی تحریر بھی یہی کرتی ہے۔ Styleکی Powerہمیں حیرت زدہ کرتی ہے اور خوبصورتی مسرت سے ہمکنار۔
العاصفہ حسن منظر کا ایک ایسا جدید اور غیر معمولی ناول ہے جس میں نہ صرف ان تمام اجزائے ترکیبی کو خوبصورتی سے استعمال کیا گیا ہے بلکہ ان کے علاوہ اس ناول میں سوچنے اور سمجھنے کے لیے اور بھی بہت کچھ ہے۔ مکمل پلاٹ، عمدہ کردار نگاری دلچسپ اور natural مکالمے، دل کو چھونے والی حقیقت نگاری اور دلکش اندازِ بیاں اس ناول کی نمایاں خوبیاں ہیں۔ یہ ناول بنتے، بگڑتے اور تبدیل ہوتے ہوئے انسانی رشتوں کی کہانی ہے۔ رشتے جن کی انسانی ضروریات اور حالات کی مجبوریاں شکل بدل دیتی ہیں لیکن یہ ایسے رشتوں کی داستان بھی ہے جو ایک بار قائم ہو جائیں تو زندگی بھر بلکہ موت کے بعد بھی کسی نہ کسی صورت میں زندہ رہتے ہیں۔ وقت کی نہ اٹھنے والی تہیں ان کو دھندلا ضرور کر دیتی ہیں لیکن ختم نہیں کر سکتیں۔ العاصفہ انہی رشتوں کی کہانی ہے جو زندگی کو مفہوم بخشتے ہیں اور جن کے بغیر ایک قابل برداشت دنیا کا تصور مشکل ہے۔
العاصفہ کی پہلی خوبی یہ ہے کہ یہ highly readableہے اور ان ناولوں میں سے ہے جن کو شروع کر کے پڑھا نہیں جاتا بلکہ اپنے آپ کو پڑھوا لیتے ہیں۔ ایسے ناول دل پر دستک دے کر دماغ کی طرف جاتے ہیں اور اسے سوچنے پر مجبور کرتے ہیں۔
العاصفہ کا پس منظر عربستان ہے اور بڑا موضوع عرب کلچر جو اپنی خوبیوں اور خامیوں، رعنائیوں اور بدصورتیوں کے ساتھ ہمارے سامنے آتا ہے۔ یہ ناول آج کی Complex زندگی کی عکاسی کرتا ہے جس میں قدریں بھی بدل رہی ہیں اور انسا ن بھی۔ جس میں جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ بنا کر سامنے لایا جا رہا ہے۔ دنیا میں ایک ظالمانہ نظام قائم ہو چکا ہے جس میں خاص طور پر کمزور ملک اور عام طور پر طاقتور ملک بھی بے یقینی کا شکار ہیں۔ سکون کہیں نہیں۔ بڑی اور چھوٹی طاقتیں غریب ملکوں کے Resources کے ساتھ ساتھ ان کے حکمرانوں اور عوام کا بھی استحصال کر رہے ہیں۔ طاقت ہی سب سے بڑی حقیقت بنتی جا رہی ہے۔ اپنے ملک میں اور ارد گرد جو کچھ ہو رہا ہے اسے دیکھ کر زید جیسا باحِس اور با شعور کردار کس طرح خاموش رہ سکتا ہے۔ وہ کہتا ہے
’’ہمارے ہاں ننگا دھوکا ہے۔ بے ایمانی اور مجبوروں کو لوٹنے کی بے اندازہ قوت۔ کسی کے پاس زندگی کا کوئی مقصد کاروں، بندوقوں، الیکٹرونک اشیا، بیویوں، پرفیوم اور عالی شان بیوک کے سوا نہیں ہے۔ اگر پہلے ہوئی بھی تو منیزین (پٹرول) نے اسے دھو دیا ہے۔ بس ایک وہی چیز یہاں وافر ہے اور لوگ سمجھتے ہیں دائم۔ ذہن کے جن کھیتوں کو اس کی آبیاری ہے وہ زندگی کے بارے میں کوئی سوال کرنے کی اپج کھو چکے ہیں۔ عورتوں کے پاس اپنی زندگی کا کوئی علیحدہ مقصد نہیں ہے۔ وہی ہے جو ان نے گھر کے مردوں کا۔ ‘‘ (128)
العاصفہ باپ بیٹے کے درمیان مسلسل Conflict کی کہانی ہے۔ دونوں کے درمیان بے اعتمادی کا عجیب رشتہ ہے۔ دونوں نہ تو ایک دوسرے کے ساتھ رہنا چاہتے اور نہ ایک دوسرے کو بالکل چھوڑنا چاہیے ہیں۔ زید کے دل میں باپ کے خلاف نفرت ہے اور وہ اس نفرت کا اظہار اس طرح کرتا ہے کہ بچپن میں ہی ایک کاغذ پر باپ کا نام لکھ کر اسے دفن کر دیتا ہے۔ اس نفرت کے کئی اسباب ہیں۔ ایک سبب زید کے ماں باپ کی بے جوڑ شادی ہے۔ زید کی ماں خوبصورت اور باپ ایک بڈھا بدّو۔ ماں گوری ہے، باپ کالا۔ زید کہتا ہے۔
’’میری سمجھ میں آج تک نہیں آیا اس نے میرے باپ سے شادی کیوں کی۔ وہ بدّو ہے۔ اس کی ہنسی تک بھدی ہوتی ہے۔ اس کے خاندان والے، جو اندر ریگستان میں کسی گاؤں میں بسے ہوئے ہیں اور جن کا ذکر وہ شرم کے مارے نہیں کرتا ہے، سب جانتے ہیں اسی کی شکل کے ہیں۔ موٹے ہونٹ، چوڑے نتھنے، سیاہ رنگتیں اور چھوٹے چھوٹے بل کھائے ہوئے بال۔ یہ میرے باپ کی شبیہ ہے اور میری ماں اسے اپنے بالوں میں تین دفعہ لپیٹ سکتی تھی کیونکہ وہ بدویہ نہیں ہے۔ اس کی رنگت موتی ایسی ہے اور ہونٹ باریک۔‘‘ (11)
زید کے لئے باپ کے ساتھ رہنا بھی مشکل ہے اور اس کو ہمیشہ کے لیے چھوڑنا بھی مشکل۔ اس لئے وہ Hamletکی طرح To be or not to be کے عذاب سے گزرتا رہتا ہے۔ زید گھر سے دور ی میں ملازمت کرتا ہے۔ شروع میں اس کی تنخواہ تیس دینار تھی جو اس کے لئے کافی تھی اور وہ ہر غم سے آزاد۔ تین سال بعد جب اس کی تنخواہ ساٹھ دینار ہو گئی تو وہ ہر ماہ بیس دینار ماں کو بھیجنے لگا اور زید کے الفاظ میں۔
’’میں ماں کو بیس دینار بھیجتا رہا اور وہ مجھے محبت بھرے خط بھیجتی رہی اور یہی بیس دینار میری تباہی کا ذریعہ بنے کیوں کہ میرا باپ جو میرے گھر سے نکل جانے کے بعد مجھے ایکا ایکی بھول گیا تھا پھر سے میرے لئے ہڑکنے لگا۔‘‘(37)
دوسروں کو اور خاص طور پر زید کو بیوقوف بنانے کے لیے باپ کا دماغ بڑا زرخیز ہے۔ اس کے دماغ میں نئی نئی ترکیبیں آتی رہتی ہیں۔ وہ زید کو منیرہ سے شادی کا جھانسہ دے کر زیور، کپڑے، پیسے اور دوسری چیزیں منگواتا رہتا ہے۔ زید ایک حسین خواب میں کھو کر خوشی خوشی یہ تمام چیزیں بھیجتا رہتا ہے اور پھر بتاتا ہے
’’آنے والے دنوں میں باپ کے خطوں کی تعداد بڑھتی گئی اور میری بچت کم سے کم تر ہونے لگی۔‘‘(40)
زید اپنے باپ کا ذکر نفرت اور حقارت سے کرتا ہے لیکن جس طرح ملا Marlow کے Faustusکا اندر کا انسان شیطان سے معاہدہ کرنے کے بعد بھی زندہ رہتا ہے اسی طرح زید اپنے باپ کو کچھ بھی کہتا رہے اس کے اندر کا بیٹا مرتا نہیں۔ شاید انسان پوری طرح evil ہو ہی نہیں سکتا، اس میں کہیں نہ کہیں اچھائی کی رمق چھپی اور دبی رہتی ہے اور کبھی نہ کبھی ظاہر بھی ہو جاتی ہے۔ اپنے باپ کے بارے میں سوچتے ہوئے زید کہتا ہے
’’میں سوچتا تھا اور دھواں دماغ کو چڑھتا تھا، میرا باپ دھوکے باز ہے، جھوٹا ہے، مجھے اس پر بھروسہ نہیں رہا تھا۔ میرے اندر کا ایک اور زید پکارتا تھا گف گف (قف قف) اور میں برا بھلا کہتے کہتے رک جاتا تھا۔‘‘(130)
رشتے اور بندھن انسان کو اس طرح جکڑ لیتے ہیں کہ بعض اوقات نہ چاہتے ہوئے بھی Compromise کرنا ہی پڑتا ہے۔ انسان سماجی، معاشرتی اور اخلاقی پابندیوں سے آزاد ہو ہی نہیں سکتا۔ زید اس قدر غصے میں ہے کہ باپ کو جان سے مارنے کے لئے یمنی خنجر اٹھا لیتا ہے اور پھر ہمیں بتاتا ہے
’’اس نے میرے ہاتھ سے خنجر چھیننا چاہا اور ہم دونوں ایک دوسرے سے گتھ گئے۔ ایک لمحے کو میں واقعی اسے مارنا چاہتا تھا لیکن ماں اور بہنوں بھائیوں کا سوچ کر ایک بار پھر رک گیا۔ ایک شرابی، عورتوں کا دلّال، نشہ آور اشیا کو گاہکوں تک پہنچانے والا، لیکن ایک کنبے کا سربراہ۔ بہرحال سرے سے کوئی سربراہ نہ ہونے سے بہتر ہے۔‘‘ (166)
سوچئے ان الفاظ میں کیسا درد ہے، کیسی مجبوری ہے، کیسی بے کسی ہے اورکیسی حقیقت۔
آپ کسی سے نفرت کر کے سکون سے نہیں رہ سکتے اور جب نفرت میں تشدد آ جا تا ہے تو اخلاقی طور پر نفرت کرنے والا نفرت کئے جانے والے سے نچلی سطح پر آ جاتا ہے۔Byronنے کہا ہے :
Hatred is the madness of the heart.
زید کہتا ہے
’’جب میرا اپنے باپ سے بھروسہ اٹھ گیا تو میں دنیا میں کسی پر بھروسہ نہیں کر سکتا ہوں۔میرا خیال ہے اگر احساس کا کوئی قانون ہے تو یہ اس کے مطابق ہے۔ اس سے آگے میں نہیں سوچنا چاہتا۔ اپنی زندگی کے منبع سے نفرت کرنے والا خود سے نفرت کرنے والا ہوتا ہے۔ یعنی اس کی زندگی اس کے لئے بے مصرف ہو جاتی ہے۔‘‘ (130)
زید باپ کو گھٹیا آدمی سمجھتا ہے، اس سے نفرت کرتا ہے اور اس کو جان سے مارنا چاہتا ہے لیکن ناول کے آخری باب میں جب زید ایک جزیرے میں رہنے لگتا ہے تو بتاتا ہے۔
’’میرے فلیٹ کی دیواروں میں ایک واحد تصویر علی ابن سعید یا ابو زید کی ہے۔‘‘ (174)
یعنی باپ بیٹے کا رشتہ ٹوٹ ٹوٹ کر بھی نہیں ٹوٹتا۔ انسانی رشتوں میں کوئی چیز ہے جو ان کو کسی نہ کسی طرح قائم رکھتی ہے۔
العاصفہ زید اور منیرہ کی معصوم محبت کی کہانی بھی ہے۔ ایسی محبت جسے الفاظ میں بیان کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ جس میں خموشی گفتگو اور بے زبانی زبان بن جاتی ہے۔ جس میں ایک دوسرے کو دیکھ لینا ہی کافی ہوتا ہے اور جو ناکام ہو کر بھی کامیاب ہوتی ہے۔ زید ناول کے شروع میں منیرہ سے اپنی پہلی محبت بھری ملاقات یاد کرتے ہوئے کہتا ہے :
’’مجھے یہ واقعہ، جوا ب سنانے جا رہا ہوں، گہرے سرخ رنگ میں یاد آتا ہے کیونکہ اس وقت مغرب کا آسمان سورج ڈوبنے سے پکی ہوئی کھجور کی طرح سرخ ہو رہا تھا۔‘‘ (16)
منیرہ اور زید چھپ پر باتیں کر رہے ہیں۔ زید کا ایک ہم عمر لڑکا محمد وہاں یہ دیکھنے آتا ہے کہ یہ دونوں کیا باتیں کر رہے ہیں۔ زید کو اس کا آنا ناگوار گزرتا ہے اور محمد زید کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے فِلفِل یعنی سخت گھونگھریالے بالوں والا کہتا ہے اور زید سے مار کھا کر روتا ہوا نیچے جاتا ہے۔ زید کو پتہ ہے کہ اب اس کی پٹائی ہونے والی ہے۔ منیرہ اپنی چوڑی توڑ کر دو چار کھرونچے مار کر روتی ہوئی نیچے کی طرف بھاگتی ہے اور اپنی زخمی کلائی محمد کے باپ کو دکھاتی ہے۔ جس پر محمد اپنے باپ سے مزید پٹتا ہے اور غصے سے پیر پٹختا ہوا وہاں سے چلا جاتا ہے۔ منیرہ ایک اچٹتی ہوئی نگاہ زید پر ڈال کر اپنے گھر کی طرف چل دیتی ہے۔ زید کہتا ہے :
’’اس کی نگاہ میں جو بات میری سمجھ میں آئی یہ تھی: دیکھا میں تمہارے لئے کیا کر سکتی ہوں۔‘‘ (18)
اس طرح بغیر کچھ کہے منیرہ سب کچھ کہہ دیتی ہے۔ محبت وہی اچھی لگتی ہے جس کا اظہار نہ ہو اور جس پر پردہ پڑا رہے۔ وقت گزرتا رہتا ہے۔ ایک عرصے بعد زید اسے دیکھتا ہے۔ چاندنی رات ہے۔ گھر کے سب لوگ صحن میں بیٹھے باتوں میں مشغول ہیں۔ ان میں منیرہ بھی ہے۔ زید کی کیفیت وہی ہوتی ہے جو سودا کی اس وقت تھی جب اس نے کہا تھا۔ساغر کو میرے ہاتھ سے لینا کہ چلا میں۔زید شاعرانہ انداز میں ہمیں بتاتا ہے
’’ایسی بھیگی چاندنی اور مدھم روشنی میں جب ہوا بھی ٹھنڈی ہو بھدے سے بھدا چہرہ بھی برا نہیں لگتا اور وہ چہرہ تو اتنا خوبصورت تھا کہ مجھے خود کو سنبھالنے کی خاطر تخت کے کونے پر بیٹھ جانا پڑا۔‘‘(61)
منیرہ سے زید کی آخری ملاقات اسپتال میں ہوتی ہے۔ یہ اسے ملنے جاتا ہے اور وہ اسے دیکھ کر پوچھتی ہے
’’کہیں باہر ہو؟‘‘
وہ بات کرتے ہوئے رو دی۔ زندگی میں میرے سامنے پہلے بار اس کی آنکھوں میں جسم سے زیادہ درد تھا۔
’’کہاں ہو؟‘‘ اور پھر اس نے خود ہی کہا ’’میں جانتی ہوں ب میں ‘‘
’’فاطمہ نے بتلایا تھا؟‘‘
’’نہیں ‘‘
’’ریسیشن پے تم نے بتلایا تھا۔‘‘ اس کی آنکھوں میں آنسو تھے اور چہرے پر مسکراہٹ۔(169)
زید دل ہی دل میں خود سے کہتا ہے :
’’کیا منیرہ کی زندگی خاتمے پر تھی اور اس کے شوہر نے اسے وقتی طور پر مستشفیٰ میں بے کار سمجھ کر چھوڑ دیا تھا؟ شادی کے سال بھر کے اندر، اندر! بیڈ سے نیچے لٹکی ہوئی تھیلی میں پیشاب تھا اور اس میں تھوڑا خون بھی تھا۔ بچے دانی کام کر رہی تھی لیکن فی الحال بے کار تھی۔ منیرہ عرب تیل کی طرح تھی جو جلد سے جلد ختم کیا جا رہا تھا۔‘‘(169)
اور پھر آگے چل کر زید بتاتا ہے
میں نے پوچھا تم سے ملنے والے کس وقت آتے ہیں ؟
اس نے کہا ’’ڈرو مت۔ یہاں کوئی محمد خمیں آج نہیں آئے گا۔
میں نے پاس جا کر اس کے ہاتھ کو دونوں ہاتھوں سے تھام لیا۔ ان کی کھال مرجھائی ہوئی تھی۔ جو خوشبو کا پانی میں اس کے لئے ب سے لے کر آیا تھا اس سے اپنے رومال کو تر کر کے اس کے ہاتھ میں دے دیا اور شیشی برابر کی میز پر رکھدی۔
اس نے رومال کو سونگھا اور آنکھیں پسندیدگی میں بند ہونے لگیں۔ پھر اس نے اپنے چہرے پر پھیرا اور گردن اور سینے کے عریاں حصے پر۔ میں برابر کی کرسی پر بیٹھ گیا۔ ہم دونوں کافی دیر خاموش بیٹھے رہے۔
’’ابھی آئے ہو؟‘‘
’’سیدھا تمہارے پاس‘‘
’’ ک بے جانے کے لئے ؟ میں بھول گئی ب لے جانے کے لئے ؟‘‘
’’چلو گی؟‘‘
اس نے ہاں میں سر ہلایا اور بولی’’اسی بستر پر دراز دراز۔‘‘
اب میں رو رہا تھا۔
حسن منظر کے ناول العاصفہ کے چھوٹے بڑے تمام کردار قابل توجہ ہیں اور ان میں سے ہر ایک اپنی انفرادیت لئے ہوئے ہے۔ ان میں اچھے کردار بھی ہیں اور بُرے بھی اور neutral بھی جن کو آس پاس کی کوئی پرواہ نہیں، بس اپنی محدود دنیا میں مگن رہنے والے۔ اس ناول کے اہم کرداروں میں زید، منیرہ، لوچو ابن سعید، محمد بادو غیش اور فاطمہ شامل ہیں۔
زید ایک با شعور اور حساس عرب ہے جس میں دیکھنے، سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت ہے۔ وہ عربستان کے باہر کی دنیا کا بھی تھوڑا بہت علم رکھتا ہے۔ وہ آج کا ہیرو ہے اس لئے ارد گرد کی دنیا سے بے خبر نہیں رہ سکتا۔ اسے عربوں کی زندگی جو تضادات اور بے حس ہے، اس سے نفرت ہے اور جس طرح سفید فام لوگ عربوں کے وسائل کا بے دردانہ استعمال کر رہے ہیں اور پھر جس طرح عربوں کا استحصال کر رہے ہیں اس کا بھی بڑا دکھ ہے۔ وہ خود انقلابی نہیں لیکن کسی بڑی تبدیلی یا انقلاب کا خواہش مند ضرور ہے۔ وہ اپنے خاندان کا ایک سوچنے والا فرد ہے۔ وہ سمجھدار ہے لیکن اس کی یہ سمجھداری اس کے کسی کا م نہیں آتی اور دنیا میں اکثر یہی ہوتا ہے۔ یونانی ڈراما نگار Sophoclesنے سچ ہی کہا ہے کہ To be wise is to sufferزید کہتا ہے
’’میرا قصور محض اتنا ہے کہ اس بے ربط، بے شتہ اور بے جوڑ کنبے میں میں وہ واحد سانس لینے والی مشین ہوں کہ جسے احساس کی تکلیف عطا ہوئی ہے۔ میں کیوں ان دونوں (ماں، باپ) سے یا ان میں سے کسی ایک سے نفرت نہیں کر سکتا! اگر ایسا ہوتا تو لاکھوں بے حس انسانوں کی طرح آج میں بھی خوش ہوتا۔ ‘‘ (26)
زید جانتا ہے اور سمجھتا ہے کہ کس طرح اس کے ملک کو لوٹا جا رہا ہے اور کس طرح خود پسند، خود غرض، بے حس، جاہل و ظالم حکمران شتر مرغ بنے ہوئے ہیں۔ سیدھی سی بات ہے، جو حکمران اپنے لوگوں کو عزت نہیں دیتا اسے دنیا میں کس طرح عزت مل سکتی ہے۔ زید کہتا ہے
’’سب جانتے ہیں سفید تاجر ملک کو لوٹ رہے ہیں لیکن ملک تک میں ہمت نہیں ہے کہ انہیں ملک سے نکل جانے کو کہے۔ ایسا زور بس اپنے ملک والوں پر چلتا ہے یا ان کام کرنے والوں پر جو گرے پڑے ملکوں سے یہاں آتے ہیں۔‘‘(99)
آگے چل کر زید کے لہجے میں مزید تلخی آ جاتی ہے اور طنزیہ کہتا ہے
’’تیل عرب ممالک یا ایران میں کب نکلا ہے ! تیل تو سفید لوگوں کے ملکوں میں نکلا ہے جہاں اس کے پیدا ہونے والی دولت ہمیشہ سے جا رہی ہے۔‘‘ (101)
یہ بڑھتی ہوئی تلخی اسے خود احتسابی کی طرح مائل کرتی ہے اور اس کے ذہن میں عرب ممالک ہی نہیں، شاید تمام مسلم ممالک آ جاتے ہیں جب وہ کہتا ہے
’’ہمارے یہاں ننگا دھوکا ہے، بے ایمانی اور مجبوروں کو لوٹنے کی بے اندازہ قوت۔ کسی کے پاس زندگی گزارنے کا کوئی مقصد نہیں۔۔۔۔ لوگ جتنا کھاتے ہیں اسے بس اپنی ذات اور ضروریات پر خرچ کرتے ہیں۔ ان میں سے ایک بھی کوئی فلاحی کام نہیں کرتا ہے۔ اُسے سب نے حکومت پر چھوڑ دیا ہے اور حکومت نے غیر ملکی فلاحی اداروں پر۔‘‘(128)
زید میں صرف تلخی اور طنز ہی نہیں بلکہ اس میں وہ جرأت بھی ہے جو قوم کے کسی غیرت مند، خود دار اور دوسروں سے مرعوب نہ ہونے والے انسان میں ہوتی ہے۔ اس طرح کے انسان ہی قوم کا عظیم سرمایہ ہوتے ہیں۔ زید کس جرأت سے ایک امریکی افسر وارین سے کہتا ہے
’’You characterless Americans تم لوگ عرب تیل پر پل رہے ہو اور تمہارے دلوں میں نہ عرب زمین کی عزت ہے جس سے وہ تیل نکلتا ہے نہ اس کے انسانوں کی۔ میرا خیال ہے تمہارے دلوں میں اپنی ماں کی عزت بھی نہیں ہو گی۔‘‘ (137)
ناول میں ایک جگہ کچھ پاکستانی ملازمین کا ذکر ہے جنہوں نے امریکی کمپنی کی جس میں وہ کام کرتے تھے، نا انصافیوں کے خلاف درخواست لکھوائی اور اس کی ایک نقل عربی میں عرب حکومت کو بھی بھیج دی کیونکہ اس اوئل کمپنی میں ان سے نچلے درجے کے ملازمین کی تنخواہیں ان سے دگنی تھیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ان کی تنخواہیں بھی بڑھائی جائیں۔ ان میں سے کچھ سے زید کی صاحب سلامت تھی اس لئے عربی نقل اس نے تیار کی تھی کیونکہ زید کی نظر میں ان کا مطالبہ جائز تھا۔ لیکن نتیجے کے طور پر ان سب پاکستانی ملازمین کو ملک بدر کر دیا گیا۔ زید بڑے پتے کی بات بتاتا ہے
’’عرب کے کینے سے بڑھ کر اس کے اونٹ کا کینہ ہوتا ہے اور اونٹ کے کینے سے بڑھ کر امریکی کا۔ اگر فرزانگی کا یہ نکتہ میرے پاکستانی دوستوں کو معلوم ہوتا تو وہ کبھی احتجاج پر آمادہ نہ ہوتے۔‘‘(158)
یہ پیرا گراف میں اُس باپ پر ختم کرنا چاہتا ہوں جو عبد الرحمن نے زید سے کہی تھی۔ عبد الرحمن اس ملک کے ایک بڑے زنداں جیسے نظام میں آزادی لانے کے خواب دیکھتا تھا اور پھر ایک دن اس اسلام کے علم بردار ملک میں ایسے غائب ہوا کہ اُس کا سراغ بھی نہ ملا۔ عبد الرحمن نے زید سے کہا تھا
’’اگر دولت ایک فرد کا دماغ خراب کر سکتی ہے تو زیادہ دولت مند ہونا ایک قوم یا پورے ملک کا دماغ خراب کر دیتا ہے۔ ایک فرد کو جب وہ خود نہ چاہے تمیز اور تہذیب نہیں سکھائی جا سکتی تو ایک قوم کو کیسے سکھائی جا سکتی ہے۔‘‘ (160)
منیرہ العاصفہ کی ہیروئن ہے جو اس ناول کے gloomy atmosphere میں رنگ و نور کی ہلکی ہلکی پھوار بن کر آتی ہے اور آخر میں ناول پڑھنے والے کو حیران، پریشان اور بہت اداس کر دیتی ہے۔ وہ تیز دھوپ نہیں بلکہ چاندنی کی طرح پر اسرار ہے اور جب آتی ہے تو آس پاس کی چیزیں اسی دودھیا چاندنی میں نہا جاتی ہیں۔ وہ خوبصورت اور ذہین ہے لیکن یہ روشنیِ طبع اُس کے لیے عذاب بن جاتی ہے۔ وہ ناول کے شروع اور آخر میں زیادہ آتی ہے لیکن جب نہیں ہوتی تب بھی ہوتی ہے۔ ناول کے کچھ حصوں میں اس کے موجود نہ ہونے پر بھی اس کے موجود ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ وہ اول سے آخر تک کہانی پر چھائی رہتی ہے۔ اس کے د ل میں کہنے کے لیے بہت کچھ ہے لیکن اس کی ساری باتیں سننے اور سمجھنے والا شاید کوئی نہیں۔ وہ ظاہر یہ کرتی ہے کہ اسے کسی کی ضرورت نہیں لیکن اندر سے اس کا دل تڑپ تڑپ کر کہتا ہے کہ کوئی اسے دیوانہ وار چاہے، اسے اپنائے۔
چار سال بعد ک سے واپسی پر زید اس سے ملتا ہے اور کچھ دیر کے لیے دونوں خوابوں کی دنیا میں کھو جاتے ہیں۔ منیرہ Slumber کی کیفیت میں ہے۔ یہاں مکالمے مختصر ہیں لیکن پُر اثر۔ دونوں چپ ہیں۔ پھر زید پوچھتا ہے۔
منیرہ ک چلو گی؟
’’چلو‘‘ اس نے آنکھیں بند کئے کئے جواب دیا۔
جانے کی اجازت مل جائے گی؟
کس سے ؟
گھر والوں سے
وہ تو اتنے ہیں کہ اگر ان سے اجازت لینی شروع کی تو آدھے ملک کی اجازت چاہیے ہو گی۔
منیرہ برداشت کرنے کا ہنر اور بات کرنے کا ڈھنگ جانتی ہے۔ وہ Semantics یعنی الفاظ کے انتخاب کی سائنس سے واقف ہے اور سیدھے سادے عام لفظوں کو اپنی گفتگو میں ا سکالر کی طرح استعمال کرتی ہے۔ جب زید سے اس مقدمے کی روداد سناتا ہے جو اس کے باپ نے منیرہ کی جائداد کو اس کے اصلی اور فرضی رشتہ داروں سے بچانے کے لیے لڑا تھا تو قہقہہ لگا کر کہتی ہے۔
’’تمہارا باپ کہانیاں اچھی بناتا ہے۔ الف لیلے ٰ اُسی نے تو نہیں لکھی تھی!‘‘ (72)
لو ء لو ء زید کی بڑی بہن ہے۔ ماں کو اس سے بیر ہے اور لوگ اسے پاگل سمجھتے ہیں۔ اس کی دو خطرناک عادتیں ہیں۔ ایک شعر کہنا اور دوسری بیٹھے بیٹھے یا کھڑے کھڑے بے ہوش ہو جانا۔ گھر کے گھٹے ہوئے ماحول اور ماں باپ کی سختی نے اسے نفسیاتی مریض بنا دیا ہے، اس کے اندر ایک فنکار چھپا ہوا ہے اس لئے وہ بڑی حساس ہے۔ وہ چھوٹی چھوٹی باتوں کا اثر لے کر بڑے بڑے دکھ اُٹھاتی ہے۔ زید کو اس سے بہت لگاؤ ہے اور جب وہ اپنے ماضی کی طرف جھانکتا ہے تو کہتا ہے
’’میری یاد میں لوء لو ء سب سے پہلے آتی ہے۔‘‘ (10)
اور پھر جو کچھ لوء لوء کے ساتھ ہو رہا ہے اسے دیکھ کر سوچتا ہے
’’اس لڑکی کی زندگی اکارت گئی۔‘‘ (28)
دونوں بہن بھائی خاندان کی گاڑی کھینچ رہے ہیں اور دونوں کے لیے اس کا کوئی appreciationنہیں۔ زید بتا تا ہے۔
’’ گھر کے باہر کنبے کے لیے جو حیثیت میری تھی وہی گھر کے اندر رہ کر لوء لوء کی تھی۔ ہم دونوں بار بردار تھے۔ لوء لوء بچوں کو پال کر پل رہی تھی۔‘‘ (24)
زید لوء لوء کو بچانے کی ایک آخری کوشش کرتا ہے اور اس ناکام کوشش میں اس کے لیے اپنی خود زحسن منظر اہم معاصر افسانہ نگار داری بھی قربان کر دیتا ہے۔ اپنے دوست فاعور سے کہتا ہے۔
’’ تم میرے دوست ہو۔ کم سے کم میں تمہیں اپنا دوست سمجھتا ہوں۔ یقین مانو اس وقت اگر اتنا پریشان نہ ہوتا تو تم سے یہ بات کہنے کبھی نہ آتا۔ میری بہن سے شادی کر سکتے ہو؟‘‘ (30)
ک پہنچنے کے تین مہینے بعد زید کو اطلاع ملتی ہے کہ لوء لوء ایک برطانوی جزیرے میں جا چکی ہے جہاں اس جیسی اور بھی بہت سی لڑکیاں ہیں۔ ناول کے بالکل آخر میں زید لوء لوء کی تلاش میں اس جزیرے میں جاتا ہے اور وہیں کا ہو کے رہ جاتا ہے۔ زید لوء لوء کی پہچان کے لیے صرف چار باتیں بتا سکتا ہے۔
بدویہ ہے، گلے میں سرخ موتیوں کی مالا ڈالے رہتی ہے، بائیں گال پر جلنے کا نشان ہے اور شعر کہتی ہے۔‘‘(175)
جس آدمی سے زید کو لوء لوء کی تصویر ملی وہ ایرانی تھا اور اسی نے زید کو بتایا
’’بعد میں اسے کچھ بیماریاں ہو گئی تھیں۔ اندرونی بھی اور کھال کی بھی جن کے بعد ایسے کرنسی نوٹ کی طرح جو سرکولیشن میں نہ رہا ہو اور جسے قومی بنک واپس لے لیتا ہے اور وہ غائب ہو جاتا ہے۔ وہ سوسائٹی میں سرکولیشن سے غائب ہو گئی یہاں سمندر چاروں طرف ہے اور اس پانی میں شارکس بھی ہیں۔ پتہ نہیں قدرت کے کس بنک نے اسے واپس لے لیا۔‘‘ (175)
علی بن سعید یا ابو زید اس ناول میں Villain نظر آتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اسی ناول میں اس سے کہیں بڑے Villain موجود ہیں۔ بس سوچنے کی ضرورت ہے۔ ابن سعید بدّو ہے اور پختہ علاقوں کا مالک۔ ٹیڑھا، بے شرم، چالاک اور دوسروں سے کام نکالنے والا۔ اس نے جینے کی ایک روش اپنا رکھی ہے جو اس کے خیال میں صحیح ہے۔ وہ بدّو کے جس کلچر کی نمائندگی کرتا ہے وہ تقریباً ایسا ہی ہے۔ وہ گھر میں بیٹھ کر Romantic گانے گاتا ہے جنہیں سن کر لڑکیاں ہنستی ہیں اور وہ خود بھی مگن رہتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ زید کو منیرہ سے محبت ہے اس لئے وہ بڑی فنکاری سے اس کو منیرہ کی شادی کا جھانسہ دے کر جب تک ممکن ہے، اسے لوٹتا رہتا ہے۔ بیٹے کو دھوکا دیتے ہوئے وہ گھبراتا نہیں۔ وہ شرابی ہے اور ہر بات کو دھوئیں کی طرح اڑا دیتا ہے۔
لیکن ابن سعید کی زندگی کا ایک رخ اور بھی ہے جو ہمارے سامنے کم کم آتا ہے۔ جب وہ اپنے گاؤں، جو ریگستان میں ہے، جاتا ہے تو زید بتاتا ہے
’’رات کو سارے مرد عرضہ ناچتے رہے اور میرا باپ ایک بڑھیا کے ساتھ بیٹھ کر گھنٹوں روتا رہا۔ بعد میں مجھے پتہ چلا وہ بوڑھی عورت لوء لوء کی نانی ہے۔‘‘(11)
اس ابن سعید کو آپ کس طرح جنس زدہ اور happy go lucky man کہہ سکتے ہیں۔ کیا یہ منظر دیکھنے کے بعد اسے feelingless کہا جا سکتا ہے۔ وہ اپنے حالات کی پیداوار ہے اور اپنی مجبوریاں خود ہی جانتا ہے۔
دو کرداروں کا ذکر اور۔ یہ دونوں ہی محمد بادوغیش اور اس کی بدو بیوی فاطمہ۔ دونوں زید کے مخلص اور بے تکلف دوست ہیں۔ العاصفہ کے باقی کردار خوشی کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں جو انہیں نہیں ملتی۔ لیکن محمد بادوغیش خوش بھی ہیں اور مطمئن بھی۔ ان کی خوشی کا راز ایک دوسرے کو دل سے قبول کرنا، اس رشتے کا احترام اور مضبوطی ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ جو کچھ ہے اس سے مطمئن رہنا اور جو لوگ near and dear ہیں ان سے محبت کا رشتہ استوار رکھنا ہی زندگی کو آسان بناتا ہے اور یہی آسانی خوشی ہے۔
محمد بادوغیش خوبصورت آدمی ہے اور فاطمہ کالی اور پرکشش۔ دونوں ایک دوسرے سے خوش ہیں۔ زید بتاتا ہے
’’جب میں ان کے گھر جاتا تھا تو چاہے محمد گھر پر ہو نہ ہو وہ باہر سے میری آواز سنتے ہی اہلاً و سہلاً کہتی تھی۔ میں اندر داخل ہوتا تھا تو تفضّل اور مرحبا سے میرا استقبال کرتی تھی۔ مجھے ایسا لگتا تھا یہ خوشی محمد اور فاطمہ کے تعلقات سے پھوٹ کر نکل رہی ہے۔‘‘(20)
محمد فاطمہ سے بہت خوش ہے۔ ایک دن زید سے پوچھتا ہے تم جانتے ہو عورت کب بھدی لگتی ہے اور پھر خود ہی بتا تا ہے
’’جب وہ بھدی لگنے کے ڈر سے کھلکھلا کر ہنس بھی نہیں سکتی ہے۔ جیسے ہماری سفید عورتیں۔ میری بیوی کو ہنستے ہوئے سنو۔ مر رہے ہو گے تو بھی ساتھ میں ہنس پڑو گے۔‘‘(20)
دونوں مزاح کی حس بھی رکھتے ہیں اور witty بھی ہیں۔ زید اور فاطمہ کے درمیان ایسا رشتہ ہے جسے سمجھنا اور سمجھانا مشکل ہے۔ یہ وہ رشتہ ہے جو کشش سے پیدا ہوتا ہے اور عورت اور مرد دونوں کو سمجھ میں نہیں آتا کہ اس کو کیا نام دیں۔ زید بتا تا ہے
’’ مجھے لگتا تھا میرے دماغ میں فاطمہ کے لیے ایک کشش پیدا ہوتی ہے جو اس سے مختلف ہوتی تھی جو ایک محبت کرنے والے دوست کی بیوی کے لیے ہو سکتی ہے یا اپنی بہن کے لیے۔میں اس کشش کو جھٹک دیتا تھا اور فاطمہ سے کہتا تھا ’ جی چاہتا ہے دوبارہ پیدا ہوں، اور میرے پیٹ سے وہ میرے سر پر چپت لگاتے ہوئے کہتی تھی۔‘‘(110)
العاصفہ ایک تہہ در تہہ ناول ہے۔ پردے اٹھاتے جائیں اور نئے نئے مناظر دیکھتے جائیں۔ بنیادی طور پر یہ انسانی رشتوں کی کہانی ہے۔ گھر والوں سے رشتے، شہر والوں سے اور دنیا والوں سے۔ یہ ان رشتوں کی کہانی بھی ہے جو ٹوٹ کر بھی نہیں ٹوٹتے وہ رشتے جن کے بارے میں کسی نے کہا ہے کہ زندگی میں اسی فیصد (80%) خوشی اور اطمینان بامعنی رشتوں سے حاصل ہوتا ہے۔ یہ محبت کی کہانی بھی ہے جب دل میں اک آگ سی برابر لگی رہتی ہے۔ وہ محبت جس کے بارے میں H.W. Beesher نے کہا ہے۔
of all earthy music that which reaches farthest into heaven is the beating of a truly loving heart.
یہ ناول لوکل بھی ہے نیشنل بھی اور انٹر نیشنل بھی۔ اس میں مقامی رنگ بھی ہیں اور بین الاقوامی بھی۔ اسی طرح اس کے کردار مقامی بھی ہیں اور غیر مقامی بھی۔ ان کے مسائل بھی دونوں طرح کے ہیں۔ غیر ملکی تو آئے ہی اپنے فائدے کے لئے ہیں اور ان میں سے زیادہ طاقتور کا کام ہی لوٹ کھسوٹ ہے۔ لیکن ملکی مسائل ملک کی ایلیٹ کلاس کے پیدا کردہ ہیں اور اب وہ بھی منافع کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ان کو نہ اپنے لوگوں کی فکر ہے اور نہ اپنے ملک کی۔ یہ خود غرض، تنگ نظر اور vision سے محروم لوگ ہیں۔ ماضی سے سبق سیکھنا اور مستقبل کے لئے منصوبہ بندی کرنا ان کے مذہب میں شامل نہیں۔ وہ صرف آج کے بارے میں سوچتے ہیں۔ آج جو اپنے ملک میں ان کے ہاتھ میں ہے۔
یہ ناول اس دور میں Rootlessness کی کہانی بھی ہے۔ ناول کا ہیرو اپنا گھر ہی نہیں بنا سکا۔ وہ چھوٹے موٹے کام کرنے کے بعد اپنی بہن کی تلا ش میں ایک دور دراز جزیرے پر جاتا ہے اور پھر وہیں بس جاتا ہے۔ اب یہی اس کا وطن ہے۔ العاصفہ میں Autobiographical Element بھی پایا جاتا ہے۔ مصنف جب دسویں جماعت میں تھا تو ایک دن اسے پتہ چلتا ہے کہ نہ یہ گھر اب اس کا ہے نہ یہ ملک۔ ایک با شعور اور حساس ذہن میں بہت سے سوال سر اٹھاتے ہیں۔ ایسا کیوں ہوا؟ کس نے کیا؟ اب نیا گھر اور نیا ملک کیسا ہو گا اور وہاں کے لوگ کیسے ہوں گے ؟ بہت سے سوال تھے لیکن ان کے تسلی بخش جواب نہ تھے۔ کس سے پوچھے، کون جواب دے گا؟ حیدر آباد میں مستقل قیام سے پہلے مصنف کو حصولِ روز گار کے لیے مختلف ملکوں بلکہ مختلف براعظموں میں رہنا پڑا۔ اس کا عکس ہمیں العاصفہ کے ہیرو زید کی زندگی میں بھی نظر آتا ہے۔ وہ بھی چھوٹے موٹے کاموں کی تلاش میں مختلف جگہوں پر مارا مارا پھرتا ہے۔ خاص طور پر ک اور ب میں۔ یہ ک اور ب کن شہروں کے symbolہیں، یہ ناول کے قاری کے Imagination کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے۔ آج انسان جس طرح گھر، شہر اور ملک بدل رہا ہے اس کی مثالیں سو سال پہلے بہت ہی کم تھیں۔ اپنے گھر، گلیاں، گاؤں اور شہر چھوڑ کر لوگ اجنبی دیاروں میں جا کر بس رہے ہیں اور ان میں سے اکثر Rootlessness کا درد محسوس کرتے رہتے ہیں۔ اسی Rootlessness کی وجہ سے آج ایک نیا عالمی کلچر پیدا ہو رہا ہے۔ ایک ایسا کلچر جسے کوئی نا م دینا ابھی مشکل ہے۔
العاصفہ کی style سادہ و دلفریب ہے اور اس کی ایک بڑی خوبی سادگی و پرکاری ہے۔ درست الفاظ کا انتخاب، جملوں کی ساخت اور ربط ویابس سے پاک پیراگراف ماحول کو مزید دلکش و معطر بنا کر کہانی کو دل میں اتار دیتے ہیں۔ اس powerful style کی وجہ سے ناول کے کردار و واقعات نظروں کے سامنے آ جاتے ہیں ا ور ہم ان کی موجودگی محسوس کرنے لگتے ہیں۔ الفاظ، جملے اور پیراگراف خیالات کا لبا س ہوتے ہیں۔ اس لباس کی تراش خراش اور رنگ جس قدر قدرتی اور درست ہوں گے styleاتنی ہی دلکش ہوتی جائے گی۔ اس کے لیے نہ منقش لباس کی ضرورت ہوتی ہے نہ تیز رنگوں کی۔ اس کا حسن دھیمے پن میں مستور ہوتا ہے۔ جیسے slowness is beauty کہہ سکتے ہیں۔ اس کے لئے نہ بھاری بھر کم الفاظ کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ کارلائل کی طرح لمبے لمبے جملوں کی۔ بس ضرورت ہوتی ہے سادگی و پرکاری سے بات کہنے کی اور حسن منظر اس ہنر سے خوب واقف ہیں۔ وہ اپنے دل میں جھانکتے ہیں، پھر لکھتے ہیں۔ اسی لئے لکھنے والے کے دل کی بات پڑھنے والے کے دل کو چھوتی ہے۔ العاصفہ کے باب 10 کا پہلا پیرا گراف ملاحظہ فرمائیں۔
’’میں گھر میں داخل ہوا تو سب صحن میں جمع تھے۔ دھیمی روشنی ایک کونے میں سے آ رہی تھی اور چاندنی میں سب پلنگوں پر بیٹھے تھے۔ وہ رات گرمیوں کی ایسی رات تھی جب اوس میں بھیگے ہوئے بچھونوں پر چھوٹے بچے سوتے میں بار بار کنمناتے ہیں اور عورتیں بیٹھی ہوئی سوئی سوئی سی لگتی ہیں۔ اس رات میں کوئی چاہے تو ساز بھی بجا سکتا ہے اور بری سے بری آواز والا بھی گائے تو بُرا نہیں لگتا۔ ‘‘ (61)
ان کے سادہ و پرکار اسلوب کی چند مثالیں اور۔ منیرہ کا شوہر شاہی خاندان کا ایک رئیس ہے جو شادی کے بعد بہت جلد اسے زندہ رہنے یا مرنے کے لیے ہسپتال میں چھوڑ دیتا ہے۔ منیرہ سے زید کی آخری ملاقات ہسپتال میں ہی ہوتی ہے۔ زید بتاتا ہے
میں نے پاس جا کر اس کے ہاتھ کو دونوں ہاتھوں سے تھام لیا۔ ان کی کھال مرجھائی ہوئی تھی۔ جو خوشبو کا پانی میں اس کے لئے ب سے لے کر آیا تھا اس سے اپنے رومال کو تر کر کے اس کے ہاتھ میں دے دیا اور شیشی برابر کی میز پر رکھ دی۔
اس نے رومال کو سونگھا اور آنکھیں پسندیدگی میں بند ہونے لگیں۔ پھر اس نے اپنے چہرے پر پھیرا اور گردن اور سینے کے عریاں حصے پر۔ میں برابر کی کرسی پر بیٹھ گیا۔ ہم دونوں کافی دیر خاموش بیٹھے رہے۔
’’ابھی آئے ہو؟‘‘
’’سیدھا تمہارے پاس‘‘
’’ ک بے جانے کے لئے ؟ میں بھول گئی ب لے جانے کے لئے ؟‘‘
’’چلو گی؟‘‘
اس نے ہاں میں سر ہلایا اور بولی’’اسی بستر پر دراز دراز۔‘‘ (170)
منیرہ اور زید کی چاہت آہستہ آہستہ سلگنے والی ہے جس میں آنکھوں سے آنسو بہتے نہیں بھی ہو لے ہولے دل میں اترتے رہتے ہیں۔ کسی کو نظر نہیں آتے لیکن بڑی گہری چوٹ لگاتے ہیں۔ زید منیرہ کی حالت دیکھ کر آنسو روکتے ہوئے رندھے ہوئے گلے سے کہتا ہے
’’منیرہ تم ٹھیک ہو جاؤ گی اور۔۔۔۔‘‘
’’اسے بچہ دے سکو گی!‘‘
’’مجھے یقین ہے میں نے اپنی باپ پر یقین کئے بغیر کہا۔ اس نے تشکر میں ہاتھ میری طرف بڑھایا میں نے اسے تھام لیا جیسے نیچے گرنے سے روک رہا ہوں مگر باوجود شدید خواہش کے اسے چوم نہ سکا۔‘‘(173)
’’اس نے کہا، میں نے تمہارے ساتھ زیادتی کی۔‘‘
’’نہیں زیادتی کیسی۔۔۔۔ جب تم نے اگر ہاں کر دی ہوتی تو میں مشکل میں پھنس جاتا۔‘‘
’’تمہیں اپنا بنا کر میں نے تم پر بڑا ظلم کیا ہوتا، میرے منہ سے نکلا۔ اس وقت اس کی آنکھوں میں میرے لئے رحم کی جگہ خود کو معاف کیے جانے کی استدعا تھی۔ میں بیڈ کے کنارے سر ٹیک کر اپنے آنسوؤں کے سیلاب کو چھپا رہا تھا۔ یہاں تک کہ مجھے محسوس ہوا اس کی انگلیاں میرے سیاہ مرچ جیسے بالوں میں ملائمت سے ہولے ہولے کنگھی کر رہی ہیں۔ ایسی لوری میں نے زندگی میں کبھی نہیں سنی تھی۔‘‘ (173)
العاصفہ کی نثر خوبصورت اور شاعرانہ ہے۔ اسے آپ poetic prose کہہ سکتے ہیں۔ اس کی نثر مجھے Sir Walter Scott کی بات یاد دلاتی ہے جس نے کہا ہے
Every successful novelist must be more or less a poet, even although he may never have written a line of verse.
شاعری میں تو جادو ہوتا ہی ہے لیکن العاصفہ کی نثر میں بھی ایک طرح کا جادو ہے۔ کئی چھوٹے چھوٹے جملے مصرعوں کی طرح لگتے ہیں۔ مثلاً
’’اس کی رنگت موتی ایسی ہے اور ہونٹ باریک۔ ‘‘ (11)
’’اس دن میں نے لوء لوء کو گرم ہوتے دیکھا۔ جس طرح لوہا تپائے جانے پر آہستہ آہستہ گرم ہونے لگتا ہے۔‘‘(12)
’’ایک دن ایسا بھی آیا تھا جب ایک گمنام نصف بدو لڑکے نے اس جذبے کو محسوس کیا تھا جو سانس کی طرح زندگی کا جزو ہے۔‘‘ (16)
’’ یہاں کی ہر دم حرکت میں رہنے والی ریت کی طرح کوئی چیز پیش گوئی کی تابع نہیں۔‘‘ (23)
’’محلے کے مکانوں کے کنگر اور کوٹھے چاندنی میں صمٌ بکمٌ کھڑے تھے۔‘‘ (31)
’’ باہر رہ کر تم نصف پاگل ہو گئے ہو، اور پاگل نئی نئی باتیں سوچنے لگتے ہیں۔‘‘(54)
’’اور یہ آواز کسی ایسی عورت کی آواز تھی جو اپنے ارد گرد چاہت سے بھری ایک نظر کو محسوس کر رہی تھی۔‘‘ (61)
’’بیٹا دوستوں کو اپنی نئی ماں دکھا رہا تھا۔ ‘‘ )84)
’’جیسے سانپ کی دل کو لبھانے والی خوبصورتی کو دیکھ کر گھٹنیوں چلنے والا بچہ اس کی طرف چل پڑے اور کللکاریاں مارے۔‘‘(88)
’’ میں یا د رکھوں گا کہ تم میرے لیے وجود میں نہیں آئی تھیں۔‘‘(116)
’’بہت بھینی سی خوشبو اس کے کپڑوں اور جسم سے اٹھ کر ہوا میں بس گئی تھی۔‘‘(147)
’’پورا شہر اور حد نگاہ تک کے اطراف کو عاصفہ نے ڈھانپ رکھا تھا۔‘‘(152)
’’بغداد کو تاراج کرنے والے باہر سے آئے تھے لیکن وہ رہا انہی کا جو اسے اپنا اور خود کو اس کا سمجھتے تھے۔‘‘(172)
’’میں نے کئی بار منیرہ سے کہا تھا ’اپنی ایک تصویر دو، موجودہ، اور اس نے کہا تھا’ بس جیسی ہوں ایسی ہی یاد رکھنا‘‘
العاصفہ کا انجام المیہ ہے۔ لیکن یہ المیہ انجام ہی اس ناول کو منفرد بناتا ہے۔ دکھ درد یونیورسل ہیں ہر کوئی کسی نہ کسی طرح دکھ اٹھاتا ہے۔ بڑے بڑے دکھ درد نہ ہوں تو انسان چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے لطف اندوز نہیں ہو سکتا۔ دکھ درد ہماری تربیت کر کے ہمیں سچائی سے آشنا کر تے ہیں اور جینے کا حوصلہ دیتے ہیں۔ دکھ ہی سکھ اور درد ہی دوا بن جاتا ہے۔ نہ ہو مرنا تو جینے کا مزا کیا۔ C.A. Bartol نے کیسی عمدہ بات کہی ہے۔
Paradoxical as it may seem, God means not only to make us good, but to make us also happy, by sickness , disaster and disappointment.
المیہ ناول یا ڈراما رحم اور خوف کے جذبات پیدا کر کے پڑھنے یا دیکھنے والے کو Catharsis کے عمل سے گزار کر purify کرتا ہے۔ جس طرح صحیح دوا جسم پر اثر کرتی ہے اسی طرح المیہ ادب بھی انسان پر مثبت اثر کرتا ہے۔ اسے آپ Tragic Pleasure کہہ سکتے ہیں۔ جس دھج سے کوئی مقتل میں جاتا ہے وہ شان سلامت رہتی ہے اور اپنی خامیوں کے باوجود Tragic hero تعریف اور ہمدردی کا مستحن ٹھہرتا ہے۔ العاصفہ کے ہیرو زید کو آپ ایک Defeated انسان کہہ سکتے ہیں لیکن کچھ حاصل کرنے کے لیے اس کی مسلسل جدوجہد سے ہم متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ اس کی تگ و دو اور دکھ درد اسے smblion اور Diginfiedبناتے ہیں اور یہی بات درد میں دلکشی پیدا کر کے تمام مشکلات کے باوجود انسان کو زندہ رہنے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔
درد میں لذت بہت اشکوں میں رعنائی بہت
اے غمِ ہستی ہمیں دنیا پسند آئی بہت
یہ عجب دور ہے۔ اچھائی اور برائی ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح گھل گئے ہیں کہ ایک کو دوسرے سے جدا کرنا مشکل ہے۔ معاشرے میں کئی کام ایسے ہیں کہ اگر کوئی عام آدمی کرے تو برائی ہیں لیکن کوئی خاص آدمی کرے تو اچھائی بن جاتے ہیں۔ مذہب اور قانون انہیں اس بات کی اجازت دیتے ہیں۔ آج کا انسان، زید، ایک ایسی دنیا کی خواہش رکھتا ہے جس میں اچھائی اور برائی کو واضح طور پر پہچانا جا سکے۔ العاصفہ اپنے سیاق و سباق میں اسی خواہش کا اظہار ہے۔
العاصفہ جدید اردو ناول کی تاریخ میں جگہ پائے گا کیونکہ اس میں جدید دور کے مسائل کا ذکر ہے میں ایک نقاد کی اس رائے سے بالکل متفق ہوں کہ آنے والے دنوں میں اس ناول کا ذکر ہوتا رہے گا اور اس کے نئے نئے پہلو سامنے آتے رہیں گے۔ میری دلی خواہش ہے کہ العاصفہ انگریزی میں ترجمہ ہو کر زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔
اجنبی سرزمینوں سے
آصف فرخی (کراچی )
مختصر مگر ناول____ اس کتاب کا سرعنوان ہی یوں دامن تھام کر ہمیں روک لیتا ہے جیسے شادی میں آئے ہوئے مہمان کو بوڑھے جہاز راں نے اپنا قصہ سنانے کے لیے روک لیا تھا۔ یہ قصے بھی دور کی مسافتوں اور اجنبی سرزمینوں سے آئے ہیں، ان کے لوگ بھی پہلی نظر میں اجنبی معلوم ہوتے ہیں۔ حالاں کہ ہم جلد ہی سمجھ لیتے ہیں کہ دوسری نظر کی نوبت آ گئی تو یہ اجنبی نہیں رہیں گے بلکہ دوست، آشنا اور ہم نشیں معلوم ہوں گے، جیسے ابھی ابھی ہمارے آس پاس سے اٹھ کر گئے ہوں۔ مگر یہ بوڑھا جہاز راں کون ہے اور اس کے قصے کس ڈھنگ کے ہیں جو الگ معلوم ہوتے ہیں اور پہچانے جاتے ہیں۔ بوڑھے جہاز راں کو یہ ہُنر خوب آتا ہے اور اس کا قصہ بار بار راستہ روک لیتا ہے کیوں کہ ایسا قصہ اور کون سُنا سکتا ہے ؟ یہی قصہ ان دو مختصر ناولوں کا بھی ہے جو اختصار کے باوجود (یا اس کے با وصف) ناول پورے ہیں، اپنی جگہ بھرپور۔ مختصر ہو یا طویل، ان کی ہر تحریر ایک ایسے اندازِ بیان سے چھلکتی ہوئی نظر آتی ہے جو ان ہی سے مخصوص ہے۔ حسن منظر کے بیش تر فکشن کی طرح ان کے دو مختصر ناول بھی اس فنّی اختصاص سے عبارت ہیں جو اس کم آمیز اور دیر آشنا مصنف کا شیوہ ہے اور پڑھنے والوں کو اس مصنف سے تعارف ہی میں سب سے زیادہ حیرت انگیز اور مسرت افزا معلوم ہوتا ہے ____ اور وہ خاص صفت ہے اس مصنف کا بار بار، ہر بات نت نئے جغرافیائی یا ثقافتی پس منظر میں ڈھل جانے اور اس بدلے ہوئے منظر میں ڈوب کر قصے کے تار و پود کو اس طرح قائم کرنا کہ اس منظر کی مختلف اور مخصوص Culture-specific باتیں بھی کہانی کے معمول میں روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی باتیں بن کر ظاہر ہوں اور عجوبے کے بیان کے بجائے، قصے کے تاثر کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں۔ حیدرآباد (بر لبِ دریائے سندھ) کی پرانی عمارتوں سے بھری وہ چھوٹی چھوٹی اور گنجان آباد گلیاں ہوں یا نائیجیریا کے قدیمی جنگلات سے متصل بستی جہاں قدرتی وسائل کی بقا اور ان کو تلف کرنے کے در پے استحصال کا ایک رزمیہ جو خاموشی اور آہستگی کے ساتھ وقوع پذیر ہو رہا ہے، ملائشیا ہو یا ایران، کوئی ساحلی شہر جس کی شناخت سمندر کے علاوہ صرف ایک حرفِ تہجی سے ہوتی ہے، یا کوئی ایسا بے نام خطہ جو کوئی بھی مقام ہو سکتا ہے اور شاید کوئی بھی نہیں ____ جس کو میں آفاقی اس ڈر سے نہیں کہہ سکتا کہ کہیں اس کی مقامیت کی نفی نہ ہو۔ یہ مقامیت مصنف کے مد نظر بھی رہتی ہے اور اس کو بروئے کار لا کر وہ قصے کے عناصر کی تعمیر کرتا ہے جو بیک وقت مانوس بھی ہیں اور اجنبی بھی، یہ دھوپ چھاؤں حسن منظر کی تحریروں میں جس طرح سامنے آتی ہے اس کی کوئی اور مثال میرے نزدیک اردو فکشن میں شاید نہیں ہے۔ ان کی ہر کتاب اس تاثر کو گہرا کرتی ہے اور اس تاثر کو مزید تقویت ان دو مختصر ناولوں سے بھی ملتی ہے۔
یوں یہ کتاب اس توقع کو پورا کرتی ہے جو مجھ ایسے پڑھنے والوں کو اس غیر معمولی مصنف سے ہمیشہ رہتی ہے۔ لیکن عنوان پر تعجب اتنی جلدی ختم نہیں ہوتا۔ مختصر تو چلیے مان لیا، مگر مختصر تو پھر ناول کیوں ؟ مصنف کے اتباع میں، میں نے دونوں تحریروں کو ناول کے طور پر پڑھا ہے اور اس بات پر زیادہ سر نہیں کھپایا کہ یہ مختصر ناول ہیں ناولٹ یا طویل مختصر افسانے یا کچھ اور۔ بہرحال کچھ نہ کچھ ہیں ضرور۔ اگر ڈاکٹر احسن فاروقی مرحوم بقیدِ حیات ہوتے تو نہایت عرق ریزی کے ساتھ تفتیش کرتے کہ یہ ناول ہیں یا ناولٹ۔ اور اپنی بات ثابت کر کے ہی دم لیتے۔ آج کل تو کم ہو گیا ورنہ اس لفظ ناولٹ کا بڑا چلن رہا ہے، خاص طور پر رسالوں میں، اور اس لفظ کو ایسے استعمال کیا گیا ہے جیسے یہ کوئی منظم اور باضابطہ ادبی صنف ہو جس کے اصول و شعریات باقی اصناف سے الگ اور ممتاز کرنے کے لیے کافی ہوں۔ چناں چہ قرۃ العین حیدر نے بھی سیتا ہرن اور چائے کے باغ کو ناولٹ قرار دیا ہے اور ابوالفضل صدیقی نے بھی ناولٹ کا لفظ اپنی ایک کتاب کے عنوان میں استعمال کیا ہے۔ اس کے برخلاف، ممتاز شیریں نے طویل مختصر افسانے کو ایک علیحدہ صنف قرار دے کر اس کے خواص بتائے ہیں جن میں سے کئی ایک پر یہ تحریریں پوری اترتی ہیں۔ ان دونوں کے بین بین وہ چیز ہے جسے ہنری جیمز ’’نادیلا‘‘ کہتا تھا اور اس کا نام لیتے ہی شاداں و فرحاں، رواں ہو جاتا تھا۔ اس لیے یہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہونے پاتا کہ ان تحریروں کو کس کھاتے میں رکھا جائے۔ مگر میں اس سوال پر اس سے زیادہ دیر رُک نہیں سکتا، اس لیے کہ کہانی کا بلاوا اصناف کی درجہ بندیوں سے زیادہ طاقت ور ٹھہرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ صنف کے خدوخال کے بجائے کہانی کے جوہر پر زیادہ توجہ صرف کی جائے۔ اصناف کے درمیان اس طرح کی کٹّر پنتھی تقسیم کے بجائے امتزاج اور مفاہمت کا ایک امکان انیسویں صدی کے آخری دور کے واقعیت نگار اطالوی ادیب جیو وانی ورگا کی مشہور ترین کتاب کے انگریزی عنوان Little Novels of Sicily میں نظر آتا ہے، جس کا مداح اور انگریزی میں مترجم ڈی ایچ لارنس جیسا ادیب تھا جس نے ناول اور افسانے کے ساتھ ساتھ اپنا بہترین کام اسی حجم کی تحریروں میں کیا ہے۔ حسن منظر کے ان مختصر ناولوں کو میں ورگا کے ان ’’لٹل ناول‘‘ز کی سی سہولت اور روانی کے ساتھ اور مزید کسی پس و پیش کے بغیر پڑھ لیتا ہوں اور ان تحریروں سے لطف اٹھاتا ہوں، فیض حاصل کرتا ہوں۔
عنوان کے مرحلے سے گزریے تو دونوں تحریریں الگ سامنے آتی ہیں جیسے ایک کتاب میں دو کتابیں کھل جائیں۔ دونوں کی اپنی اپنی کیفیت ہے، جو اسے حسن منظر کے مجموعی کام سے جوڑ کر اس کا جزو بناتی ہے مگر اس جزو کے اندر ایک کُل قائم بھی کرتی ہے جو اپنے اندر مکمل ہے اور باقی تحریروں سے آزاد۔ ’’بیرشیبا کی ایک لڑکی‘‘ میں قصّے کا محیط یوروپ، افریقہ اور اسرائیل سے قائم ہوا ہے، الگ الگ سرزمینوں میں بکھری ہوئی کہانی جہاں اس کی مرکزی کردار اپنی قسمت آزماتی رہی اور آسماں کو رنگ بدلتے ہوئے دیکھتی رہی۔ اس لڑکی کی کہانی میں اس کی شومیِ قسمت ہے، ایک بھید سا ہے اور ایک دل کشی سی۔ بھید اس لیے ہے کہ اس کے حالات و معاملات ایک مرتبہ پوری طرح کھل کر سامنے نہیں آتے، وہ ہر بار کچھ نہ کچھ پس انداز کر لیتی ہے اور کسی اگلے موقعے پر نئے سبھاؤ کے ساتھ پیش کر دیتی ہے۔ ہم صرف اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس عورت کے ساتھ بہت سی کہانیاں وابستہ ہیں اور بہت سی کہانیوں والی عورت (یا لڑکی) کی طرح اس میں دبی دبی آنچ ہے جو اس کے پاس آنے والوں کو مائل کرتی اور لبھاتی ہے بلکہ اس کو بار بار مشکلات یا مشکل رشتے ناتوں کے پیدا کردہ بحران کی طرف لے جاتی ہے۔ اس کی تہہ میں جنسی ناآسودگی سے کہیں زیادہ، رفاقت کی خواہش اور دوسراہٹ کی طلب کارفرما ہے۔ مصنف نے اس کا بیان براہِ راست نہیں کیا بلکہ ہم اس جذبے کا اندازہ اس طرح لگا سکتے ہیں جیسے کچھ چتون سے اور کچھ بین السطور سے لگا سکتے ہیں۔
ربیکا کی کہانی ٹکڑے ٹکڑے ہو کر ہمارے سامنے آتی ہے۔ ہم پہلے اس کے عمل اور روّیے دیکھتے ہیں، پھر اس کی ابتلاء کے ایک حصے سے واقف ہوتے ہیں۔ یوں وہ ہمارے سامنے آہستہ آہستہ ابھرتی ہے جس طرح کہانی کا بیان کار اسے دریافت کرتا جاتا ہے۔ مصنف نے کردار کے ماضی کو اس کی عمل کے جواز کی خاطر یا اس کی سیدھی سادی توجیہہ فراہم کرنے کی غرض سے استعمال نہیں کیا بلکہ ماضی، اس کی زندگی کے مختلف ٹکڑوں کو جوڑنے والی قوت (بلکہ شاید واحد طاقت) کے طور پر سامنے آتا ہے اور یوں اس کے وجودی مرکز میں عمل پیرا ہوتا ہے۔ اس کے کسی نہ کسی حد تک مماثل صورتِ حال ’’ماں بیٹی‘‘ کی ماں، آمنہ کی بھی ہے جس کا دوسرا نام پہلی ہی سطر میں ہمیں بتا دیا گیا ہے کہ کلیرس ہے، ’’لیکن اسے اس نام سے ایک محدود حلقے کے سوا کہیں اور نہیں جانا جاتا ہے ...‘‘ اس محدود حلقے میں اپنے پڑھنے والوں کو چھوڑ کر مصنف بیچ میں کہیں غائب ہو جاتا ہے اور اپنی کہانیوں میں برائے نام ہی نظر آتا ہے۔ جس چیز پر تمام تر توجہ مرکوز رہتی ہے، وہ کردار کی ابتلاء ہے۔
جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے ہمیں احساس ہوتا جاتا ہے کہ ربیکا مختلف کلچرز یا بیانیے کے مختلف منطقوں میں اس لیے گھوم رہی ہے کہ اس بپتا کی ماری، آفت زدہ، زمانے کی ستائی ہوئی لڑکی کو کہیں پناہ نہ مل سکی۔ اسے جس کا ساتھ چاہیے تھا، اس سے محروم رہی۔ وہ بھٹکتے پھرنے کی سزاوار ہے ____ Wandering اس کی آزادی نہیں، اس کا Condemnation ہے اور اس کا یہودی ہونا اس سزا کو دو آتشہ بنا رہا ہے، اس کا تعلق ایک اجتماعی و موروثی بے قراری و آشفتگی سے جوڑ دیتا ہے جس میں اس کے واسطے کوئی منزل نہیں، کوئی جائے اماں نہیں۔ اور اگر کوئی حرفِ تسلی ہے تو اپنی روداد کہانی کی طرح سنانے میں۔
اپنی کہانی کے اس بہاؤ کے دوران ایسے لمحے آتے ہیں جنہیں tell-tale مواقع کہا جا سکتا ہے۔ ایک ملاقات کے دوران باتیں کرتے کرتے، بیان کار ربیکا کے سامنے اپنے رومال کو موڑ کر ’’چوہا‘‘ بنانے لگتا ہے۔
میں نے اپنے سامنے کی پیالی اور گلاس کو اٹھا کر میز کے وسط میں رکھ دیا، جیب سے رومال نکال کر میز پر پھیلایا اور اس کی سلوٹیں دور کرنے لگا۔ وہ اپنی بات بھول کر میرے اس کام کو دلچسپی سے دیکھنے لگی۔ میں رومال کا چوہا بنا رہا تھا اور جب بن گیا تو اُسے ایک ہاتھ میں لے کر دوسرے سے سہلانے لگا۔ اس نے پوچھا۔ ’’کیا ہے ؟‘‘ میں نے کہا۔ ’’میرا پالتو چوہا۔‘‘ پھر جب میں نے اُسے اس کی طرف پھُدکایا تو وہ ہنس پڑی اور بولی۔ ’’تم ہمیشہ بچے رہو گے۔‘‘ میں نے کہا۔ ’’نہیں میں روتے بچوں کو خوش کرتا ہوں۔‘‘ اس نے کہا۔ ’’اسی طرح تم نے ایک دن کنول کا ہار بنایا تھا۔ یاد ہے جس دن ہم انمبرا ندی کو پار کر رہے تھے۔‘‘
’’جس کے ہماری طرف کے کنارے پر ایک عورت بندر کے گوشت اور سفید بیجوں کا سرخ سالن گاہکوں کو دے رہی تھی۔ یاد ہے۔ اور وہ ہار تمہیں پہنایا تھا؟‘‘
لیکن اس کی یہ خوشی بس تھوڑی دیر کی تھی جس طرح ہالینڈ میں ہوتا ہو گا۔
کہانی، گفتگو کے تبادلے کے ساتھ آگے بڑھتی ہے مگر اشاریت اور معنی سے پوری طرح مملو ہے۔ اس کے مقابلے میں ایک اور مقام پر بیان براہِ راست ہے :
اچانک ایک بار پھر اس نے بولنا شروع کیا۔ ’’یہ غلطی کا احساس۔ میں ان خیالوں کے سامنے ڈٹ جاتی ہوں۔ وہ پیچھے ہٹ جاتے ہیں مگر ہر بار فتح کے شادیانے بجاتے ہوئے واپس آ جاتے ہیں۔ مجھے تو اس پر تعجب ہوتا ہے کہ کتنی دیر میں اس جنگ کو جاری رکھ سکوں گی۔ یہ اس خدشے سے زیادہ مختلف نہیں ہے جتنا وہاں رہنا جہاں .....‘‘
’’کہاں ؟‘‘ میں دیکھنا چاہتا تھا کس حد تک وہ اپنی زندگی کے اس دور کی سچائی میں گئی ہے۔ وہ اُس لمحے کی گرفت میں تھی جب ایک شخص سوشل زندگی کی دروغ گوئی، نسلی اور مذہبی تعصبات، اپنے طبقے اور اپنی کمیونٹی کے معیار کے مانگے کے پر نوچ کر پھینک سکتا ہے اور ہر قسم کی نفرت کے خوف سے آزاد ہو کر اپنے لُنڈ مُنڈ عکس کو اگر آئینے میں دیکھے تو خود پر نثار ہو جائے کہ میں اصل میں یہ ہوں اور سرسے پیر تک قابل قبول، کیا اپنی اور کیا دوسروں کی نگاہ میں۔ مجھے کسی مثالی پیکر کی ضرورت نہیں ہے۔
اس نے اپنی بات پوری کی ’’اسرائیل میں۔‘‘
’’کیسے ؟‘‘
’’کیسے نہیں ! کب تک؟ کب تک اعصاب خود کو ایک دفاعی جنگ کی ابدی تیاری میں رکھ سکتے ہیں، جھیل سکتے ہیں کہ نہ معلوم کس لمحے جنگ چھڑ جائے۔ میری زندگی ایک مصنوعی زندگی ہے۔ میں خود پر تعجب کرتی ہوں۔ ایک بہت پرانا گناہ اور اپنے کمزور اعصاب سے میں ابھی تک ایک بے معنی جھوڑ میں لگی ہوں۔‘‘
اپنی کہانی سے اس طرح آشکار ہونے والی ربیکا میں ایک خفیف سی (خاندانی) مشابہت عبداللہ حسین کے ناولٹ/طویل کہانی ’’ندی‘‘ کی بلانکا اور کارلوس فوینتیس کے طویل افسانے کی مرکزی کردار سے نظر آتی ہے، جس کا اردو میں ترجمہ محمد عمر میمن نے ’’مجھے اپنی آنکھوں میں محفوظ کر لو‘‘ کے نام سے کیا ہے۔ محمد عمر میمن کے نام ہی دونوں ناولوں کے اس مجموعے کا انتساب کیا گیا ہے۔
ربیکا کی کہانی، ختم ہو جانے کے بعد بھی ’’ماں بیٹی‘‘ کی کہانی کے دوران رہ رہ کر یاد آتی ہے۔ اپنے مختلف زمان و مکان اور بیانیے میں راوی کے نقطۂ نظر میں تکنیکی فرق کے علاوہ ان دونوں ناولوں میں ایک اور چیز مشترک ہے، قریب قریب یکساں طوالت کے یہ ناول اپنے مرکزی نسوانی کردار کے گرد گھومتی ہوئی کہانیاں ہیں بلکہ ’’ماں بیٹی‘‘ میں مرکزی کردار دو ہیں جن کی کہانیاں آپس میں گتھ گئی ہیں۔ ایسے نسائی کردار جن کے المیے ان کی پیدائش سے پہلے ہی شروع ہو جاتے ہیں، رنگ و نسل و مذہب کی سرحدیں پار کر جاتے ہیں اور جن کی ابتلاء میں شخصی و انفرادی خرابی کے ساتھ رفتارِ عالم بھی کارفرما نظر آتی ہے کہ وہ اپنی اپنی زندگیوں میں دنیا کی بے انصاف، لاپرواہ اور کسی کے جذبات و احساسات کو خاطر میں نہ لانے کی روش کو جھیلتی اور سہتی بلکہ جی کر گزارتی ہیں۔ شمع کی طرح وہ اپنے ارد گرد بہت سے لوگوں کو جمع کر لیتی ہیں لیکن محبت ایک جھلک دکھا کر دور چلی جاتی ہے، اتنے لوگوں کی موجودگی میں بھی سچی رفاقت سے محرومی ان کی تنہائی کو اور نمایاں کر دیتی ہے۔ ماں باپ اور اولاد کا رشتہ جسے دونوں خوب پہچانتی ہیں کہ اطمینان کا موجب بن سکتا ہے لیکن دونوں کہانیوں میں یہ تعلق، درد کا درماں فراہم نہیں کرسمکتا۔ ربیکا اپنے بچّے کے بہت سے سوالوں کا جواب نہیں دے سکتی کہ اس کا نام ایسا کیوں ہے اور اس کا رنگ اپنی ماں سے مختلف کیوں ہے۔ اسی طرح ’’ماں بیٹی‘‘ کی ماں اور بیٹی دونوں اپنی اپنی جگہ اس رشتے کو دھیان میں رکھنے کے لیے ایک جہدِ مسلسل پر کاربند رہتی ہیں جہاں ذرا سی لغزش دونوں کو تکلیف دینے کے لیے بہت ہے :
جیورجیانا کو اپنی ماں پر بالکل غصہ نہیں تھا۔ اسے ان کے دکھ یاد تھے، جب وہ بالکل بچی تھی۔ پھر جب وہ اسے گروسری خریدنے کے لیے اپنے ساتھ سڑک پر لے جاتی تھیں اور ایک جگہ اسے لگتا تھا، یہاں کوئی میوزک اور ڈانسنگ ا سکول ہے اور وہ اس امید میں کہ اگر سڑک کی دوسری طرف سے جا کر دیکھا جائے تو اسے وہاں لڑکیاں ناچتی نظر آئیں گی اور ہول میں ایک طرف کوئی آدمی پیانو فورٹ پر بیٹھا نظر آئے گا، وہ اس کے نوٹس (notes) پر ایک بار کو پکڑے ایک ساتھ ایک طرف کی ٹانگیں اٹھائیں گی جیسے ایک پر اٹھائے بطخوں کی ایک لائن ہو، کلیرس سے کہتی تھی، ’’مما سڑک پر اُس طرف چلیے، اِدھر کیا رکھا ہے۔ ہر بار آپ اسی طرف چلتی ہیں۔‘‘ اس کی بات سن کر کلیرس ہنس پڑتی اور ہاتھ پکڑے اسے سڑک کے اُس پار لے جاتی ہے۔
اسی طرح یہ اقتباس دیکھیے جو اس کہانی میں تھوڑا سا آگے چلنے کے بعد کہانی کی کیفیات میں اچانک کھل جاتا ہے۔
اسے وہ رات بھی یاد تھی جب سڑک سنسان ہو چکی تھی اور وہ کھڑکی میں کھڑی ماں کا انتظار کر رہی تھی۔ پھر اسے لگا تھا جیسے ایک روح چلی آ رہی ہے، بالکل پاک صاف، اس کا لباس فرشتوں کے پروں کی طرح سفید تھا اور وہ روح آ کر بلڈنگ کے اسٹیئرکیس میں داخل ہو گئی۔ وہ بالکل نہیں ڈری تھی اور ڈرتی بھی تو بھاگ کر کس کے پاس جاتی۔ پھر اس نے آہستہ سے لیا ہوا اپنا نام اپنی ماں کے منھ سے دروازے کے دوسری طرف سے سنا اور دروازہ کھول دیا۔ اس رات بھی مما خوف زدہ نہیں تھیں جیسے وہ پیدا ہی میری حفاظت کے لیے ہوئی تھیں۔ ان کے چہرے پر جگہ جگہ نیل تھے اور چادر کے نیچے سے جو جسم نکلا اس کے کپڑے تار تار تھے۔
ربیکا کو راوی کی صورت میں ایک ہم درد سامع مل جاتا ہے جس کے سامنے وہ اپنا دکھڑا رو سکتی ہے۔ ’’ماں بیٹی‘‘ میں ہم دردی کا دعویٰ لے کر سامنے آنے والے، چاہے وہ رکشہ والا ہو یا سامنے کی عمارت میں مقیم شخص، ٹیلی فون کرنے والے یا ماضی کے وہ بھوت جنہوں نے ابھی پیچھا نہیں چھوڑا، سبھی مُشتبہ ہیں، ان عورتوں کی بے بسی اور مشکل سے فائدہ اٹھانے والے جو ہم دردی کی پیشکش کے مسترد کیے جانے کے بعد دھمکیوں پر اُتر آتے ہیں۔ یوں ان کے چہرے کا نقاب جلدی اُتر جاتا ہے اور اصلیت سامنے آ جاتی ہے کہ یہ لوگ کیسے ہیں اور دنیا کیا۔ دونوں ناولوں میں ان دکھیاری عورتوں کے لیے خوب صورتی کی سزا تنہائی اور بے آسرا پن ہے۔ عقیدہ، نسل، قومیت، سب ڈھکوسلے ثابت ہوتے ہیں جو نہ تو برہنہ سر ’’ماں بیٹی‘‘ کے تن کو ڈھانپ سکتے ہیں اور نہ ’’بیرشیبا کی ایک لڑکی‘‘ کے لیے تسلی کے دو چار لفظ عطا کرسکتے ہیں جو ایک ستم کے بعد دوسرا ستم سہنے کی پابند ہیں۔
ان کرداروں کی صورتِ حال کو میں نے کہانی کے سیاق و سباق سے علیحدہ کر کے اجاگر کیا ہے مگر ناول نگار نے یہ نقش، بڑی مہارت کے ساتھ قائم کیا ہے۔ کہانی ذرا آگے چلتی ہے تو ہمیں اندازہ ہو جاتا ہے کہ حیران کر دینے والے locale کی طرح ناول نگار کی ایک خاص صفت اس کی دردمندی ہے جو کہیں بھی جذباتیت میں ڈھلنے نہیں پاتی۔ بلکہ بعض اوقات تو اتنے dispassionate انداز میں سامنے آتی ہے کہ clinical معلوم ہونے لگتی ہے، یہ کیفیت خاص طور پر ’’وبا‘‘ میں نمایاں ہے جو ان ناولوں کے بعد پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ ان دونوں ناولوں میں نہ تو ’’عنابی ٹکڑے ‘‘ (Purple patches) اور نہ سیاسی و سماجی تجزیوں سے کہانی کو بوجھوں مارنے کا کام کیا ہے ____ حالاں کہ دونوں کہانیوں میں اس کا کام کی خوب گنجائش ہے۔ بلکہ جو کچھ بھی ہے وہ کہانی کی بُنت میں شامل ہے۔ مصنف نے کہانی کا اعتبار کرداروں سے قائم کیا ہے، ان کرداروں کے تاریخی یا سماجی حوالوں سے نہیں۔
کہانی کی بات پوری ہوتی ہے تو باہر کے حوالوں کے بجائے کرداروں کے عمل سے اور ان کی زبانی بات چیت سے۔ دونوں کہانیوں میں زبان کا ستعمال، بیانیے کی ایک اور طاقت بن کر سامنے آتا ہے۔ مصنف کا اسلوب زندگی سے قریب اور حساس ہے۔ محاورے پر ان کی دسترس قابلِ رشک ہے۔ لیکن بیانیے کے اندر اور خاص طور پر مکالموں کی تہہ میں ایک اور زبان جھلکتی ہوئی نظر آتی ہے، جسے مصنف کہیں کہیں حاشیے پر واضح کرتا ہے۔ یہ حسن منظر کی تمام کہانیوں کا عمومی انداز ہے لیکن ان دونوں ناولوں میں، خاص طور پر ’’بیرشیبا کی ایک لڑکی‘‘ میں ایک زبان و بیان میں جھلکنے والے دوسرے زبان و بیان سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ جس زبان میں ہم اس کہانی کو دیکھ/ پڑھ رہے ہیں، کرداروں کا عمل اس زبان میں جاری و ساری نہیں ہے۔ بلکہ کہانی کی واقعاتی نشو و نما کے لیے یہ زبان حاشیے پر ہے۔ اس طرح غرابت اور اجنبیت کا تاثر دو چند ہو جاتا ہے کہ کہانی مانوس بھی رہتی ہے اور اجنبی بھی۔
’’بیرشیبا کی ایک لڑکی‘‘ میں تو خیر منظر بدلا ہوا ہے مگر ’’ماں بیٹی‘‘ کی فضا بھی پوری طرح مانوس نہیں۔ ربیکا تو اپنے ہم وطنوں سے دور ہے مگر ماں بیٹی کے لیے اپنے ہم مذہبوں کی موجودگی بھلا کس بات کی تلافی کر پاتی ہے۔ اُلٹا ایک اور عذاب بن جاتی ہے۔ دونوں شاید ایک ہی جیسی تقدیر لے کر پیدا ہوئی ہیں، ایک ہی جیسی کہانی۔ اسی لیے ان کے بیانیے یکساں معلوم ہوتے ہیں۔ ویسے بھی مقام کی تبدیلی حسن منظر کے لیے بیانیے کے انواع ( modes) میں تنوع کا پیش خیمہ ثابت نہیں ہوتی۔ وہ پوری طرح سے کہانی پر ارتکاز کرنے والے اور کلاسیکی / روایتی انداز پر کاربند رہنے والے افسانہ نگار ہیں۔
کہانی کہنے کا یہ انداز ہی حسن منظر کی سب سے بڑی خوبی ہے اور یہ خوبی ان دو مختصر ناولوں میں نمایاں ہے۔ یہ ناول کسی مجبوری یا اپنے خالق کی کم مائیگی کی وجہ سے مختصر نہیں ہیں ____ بلکہ حسن منظر کو تو طوالت خوب راس آتی ہے اور ان کے فنّی جوہر تفصیلی بیان ہی میں کھُلتے ہیں۔ ان کا ناول ’’دھنی بخش کے بیٹے ‘‘ حسبِ ضرورت طویل ہونے کے زُمرے میں آئے گا۔ مگر ان دونوں ناولوں میں انہوں نے قدرے اختصار کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کرداروں کی زندگی کو سمیٹ لیا ہے۔ کہانی اپنے فطری تقاضوں کے ساتھ آگے بڑھتی ہے اور پایۂ تکمیل کو اس طرح پہنچ جاتی ہے کہ تشنگی یا ادھورے پن کی شکایت نہیں ہوتی۔ ان کی اسی صلاحیت کی وجہ سے میں حسن منظر کو اس دور کے ’’چیخوف صفت‘‘ (chekhovian) فن کاروں میں شامل کروں گا، جن میں ایلس منرو یا مے وس گیلانٹ یا ولیم ٹریور جیسے افسانہ نگار نمایاں ہیں کہ چند صفحوں میں پوری انسانی زندگی کو سمیٹ لینے کا ہُنر جانتے ہیں اور اس ہُنر سے کام لیتے ہوئے معاصر دنیا کے انوکھے وقائع نگار ہیں۔ چھوٹی چھوٹی اور بظاہر ضمنی معلوم ہونے والی تفصیلات میں جیسے زندگی کا گہری معنویت کو بھر لینے اور بہت سارے مواد کو مختصر پیرایے میں سمو لینے کی وجہ سے ان کے افسانوی اسلوب میں ایک طرح کی دبازت نظر آتی ہے۔ اس کا بہترین اظہار ان کے ناول ’’العاصفہ‘‘ میں ہوا ہے، جس کا بیانیہ بھی اتنا کسا ہوا معلوم ہوتا ہے کہ جس میں جھول کا نشان تک نہ ہو۔ اجنبی locale کی وجہ سے نثر میں ایک طرح کا گٹھیلا پن ہے جو ناول کی فنی کامیابی میں شامل ہے۔ یہ دونوں ’’العاصفہ‘‘ سے قدرے کم مگر اپنی خوبیوں میں وقیع معلوم ہوتے ہیں۔ اسی طرح اپنے اختصار میں ایجاز کی کیفیت رکھنے والے یہ دو مختصر ناول معاصر اردو ادب میں ایک منفرد انداز کا نقش قائم کرتے ہیں جو ہمیں ایک انوکھی انسانی صورت حال کا درد آشنا بھی بنا دیتا ہے اور اس درد کے درماں کا جویا بھی۔
٭
باتونی لڑکی
حسن منظر
جس زمانے میں نہ ٹرینیں چلتی تھیں، نہ بسیں اور کاریں تھیں، نہ ٹیلی فون تھے نہ تار کے ذریعے خیریت معلوم کی جا سکتی اور بتائی جا سکتی تھی، نہ ہوائی جہاز تھے نہ ٹیلی ویژن، نہ کیمرے تھے نہ فلمیں اس دور کی یہ کہانی میری ماں نے مجھے سنائی تھیں۔
مگر یہ کہنا سراسر غلط ہو گا کہ اگر یہ سب سہولتیں نہیں تھیں تو اُس دنیا میں تھا کیا؟ بہت کچھ تھا: بیل گاڑیاں، اونٹ گاڑیاں، رتھ اور دبھّے۔ کیمرے نہیں تھے تو کیا ہوا تصویریں مصور بناتے تھے، کاتب کتابیں رسالے لکھتے تھے۔ دوات میں ڈبو کر لکھنے والے قلم تھے، کولھو تھے اور کولھو کے بیل۔ کسان تھے اور ہل بیل۔ ڈولیاں تھیں اور ان میں بیٹھنے والی بیبیاں اور لڑکیاں۔ مردوں کے بیٹھنے کو بھی بہت کچھ تھا۔ ہاتھی، گھوڑے اور پالکیاں اور ہاں سب کے لیے ناؤ، بادبانی کشتیاں اور پانی کے جہاز۔
تو یہ کہانی ایک ایسی لڑکی کی ہے جس کا گھر اس پرانے زمانے کے ایک بہت پرانے شہر میں تھا۔ جہاں وہ رہتی تھی گھر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تھے، محلے والے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور عورتیں جب کام نہ ہو پڑوس میں ضرور جھانک آتی تھیں۔ اسی طرح لڑکیاں لڑکے کبھی اس گھر میں کھیل رہے ہیں کبھی اُس گھر میں۔ اگر کبھی کوئی مختصر سی بات کرنی ہو مثلاً ’’تمہاری بیٹی کی پردیس سے خبر آئی؟‘‘ تو اس کے لئے عورتوں نے ایک دوسرے کے گھر کے بیچ کی دیوار سے ایک دو اینٹیں نکال کر موکھلے بنا رکھے تھے۔ ایک رومال جتنا پردہ اٹھا کر کھانستی تھی اور پڑوسن فوراً بات سننے کو آ جاتی تھی۔ کبھی کبھی بچیاں بھی بے ضرورت اُن موکھلوں میں سے اپنی گوئیوں کو آواز دے لیتی تھیں اور ایسے سوال کرتی ہوں گی ’’تمہاری گڑیا کا بیاہ کب ہے ؟‘‘ یا ’’کیا تمہاری گڑیا کے زیور آ گئے ؟‘‘ اور جب دوسری طرف کی لڑکی کے تایا، باپ یا بڑے بھائی وہاں آ جائیں تو کھلکھلاتی ہوئی پردہ گرا کر بھاگ جاتی تھیں۔
مہ لقا کو بھی گھر کے دونوں طرف کے موکھلوں سے اپنی گوئیوں سے باتیں کرنے کا چسکا تھا۔ رات کو کبھی اس کی ماں جب پڑوس کے کسی گھر میں جانے کے لیے برقع پہنتی تھیں تو وہ انکے ساتھ جانے کو بے تاب ہو جاتی تھی۔ وہاں سہیلیوں کو بتانے کو سو باتیں ہوتی تھیں اور انکی سو بار کی دیکھی ہوئی گڑیوں اور انکے چُمنّوں کو ایک بار پھر جی بھر کر دیکھتی۔
اُن دنوں گڑیاں نانی، دادیاں اپنی نواسی، پوتیوں کے لئے بناتی تھیں۔ کترنوں اور بچے ہوئے کپڑے کے ٹکڑوں سے گڑیاں بنتی تھیں اور سیاہ دھاگے سے بال جن میں مانگ بھی ہوتی تھی۔ کپڑے چاہے جس رنگ کے کپڑے کے ٹکڑوں سے بنا لو۔ میلے ہو جائیں انہیں دھو لو۔ گڑیا پھٹ جائے دوسری بنوا لو۔ یہ نہیں کہ ڈھیر سارے روپوں کی باربی ڈول کے انجر پنجر چھوٹی بہنیں ڈھیلے کر دیں یا واکی ٹاکی کی ناک چھوٹا بھائی قینچی سے کتر دے تو بیٹھ کر گھنٹوں روؤ۔
مہ لقا نے شہر کی ہر جگہ دیکھ رکھی تھی۔ وہ دکان جس میں دھنیا روئی دھُنا کرتا تھا، وہ چھپر جس میں کولھو کا بیل گول گول گھومتا رہتا تھا اور سرسوں کا سنہرا تیل کولھو سے بہہ بہہ کر مٹی کی بڑی ہانڈی میں جمع ہوتا رہتا تھا۔ اس نے وہ دکان بھی دیکھ رکھی تھی جہاں گھر کے مرد اور لڑکے بال کٹوانے جاتے تھے۔ وہ خود بال کہاں کٹواتی تھی؟ توبہ توبہ کہیں عورتیں اور لڑکیاں بھی بال کٹواتی ہیں ! مدرسہ جہاں گھر کے لڑکے پڑھنے جاتے تھے لڑکیاں بس گھر میں پڑھتی تھیں۔ محلے کی مسجد، عید گاہ، کمہار کا باڑا جہاں وہ چاک کو اس کے ایک چھید میں اپنا چھوٹا سا ڈنڈا پھنسا کر تیزی سے گھماتا تھا اور جب چاک خود گھومنے لگتا تو اس پر رکھے ہوئے مٹی کے لوندے کو اپنے دونوں ہاتھوں کے بیچ میں لے کر کبھی آبخورے بنا دیتا تھا کبھی کھیر کے پیالے، کبھی ہنڈیاں اور بدھنے اور کبھی گملے۔ کیسا بڑھیا کاریگر تھا۔ اور اس نے گوشت کی دکانیں بھی دیکھی تھیں لیکن بس دور سے۔ قربانی کے دن وہ اپنے بھائیوں اور ساتھ کی لڑکیوں کے ساتھ وہاں نہیں جاتی تھی جہاں جانور ذبح کیے جا رہے ہوتے تھے۔ کتابوں کی دکانیں، سناروں کی دکانیں، وہ جگہ جہاں شام کو پھول بیچنے والے بیٹھتے تھے اور ہاں وہ دکان بھی جہاں سے اس کے گھر کے بڑے کبھی کبھی ربڑی لے کر لوٹتے تھے اور اگر کوئی پوچھتا تو وہ بتا سکتی تھی گھر سے نکل کر کدھر کدھر کو مڑو تو سیخ کے کباب بیچنے والا نظر آئے گا۔
مگر ان سب دکانوں، جگہوں کو دیکھے اُسے اتنا عرصہ ہو گیا تھا جتنا عرصہ پردے میں بیٹھے۔ پہلی بار برقع پہنّے پر اُسے فخر محسوس ہوا کہ اس کا شمار بھی اب عورتوں میں ہونے لگا ہے۔ ڈولی میں ماں کے ساتھ کہیں جاتے ہوئے وہ ڈولی کے پردے اِدھر اُدھر سرکا کر باہر جھانکنے کو بھی بُرا سمجھتی تھی۔ یہ الگ بات ہے کہ اگر ہوا سے ایک پٹ تھوڑا کھُل جائے اور باہر کی دنیا نظر آ جائے۔ لیکن وہ اس کی بھوکی نہیں تھی اپنے بھائیوں سے باتوں ہی باتوں میں وہ دنیا جہان کا معلوم کر لیتی تھی اور گھر آنے والی عورتوں کی باتیں اس کا بس نہیں چلتا تھا گھنٹوں بیٹھی سُنا کرے۔
خود اپنی گوئیوں کو سنانے کے لئے بھی اُس کے پاس ہزار باتیں ہوتی تھیں۔ لاکھ پردہ ہو بھلا ایسے ماحول سے بھی کوئی گھبرایا کرتا ہے ! پھر اکیلے میں اپنی گڑیوں سے بھی کرنے کو بہت سی باتیں ہوتی تھیں۔ جیسے : کیسی ہو؟ آج کیا کھایا ہے ؟ گڑیا کی طرف سے بھی خو د ہی جواب دیتی: ’’میں نے تو کھچڑی پکائی ہے۔ تھک گئی تھی۔ اور تم نے ؟‘‘ دیر تک یہ سوال جواب چلتے۔
پردے میں بیٹھنے کے آٹھ دس مہینے بعد اس کے سننے میں آیا اس کی شادی ہو رہی ہے یہ بھی کتنی اچھی خبر تھی۔اس نے اپنے سے تھوڑی بڑی پھوپھیوں اور خالاؤں کی شادی ہوتے دیکھی تھی اور اُن میں سے کبھی کسی کو ناخوش نہیں دیکھا تھا۔ زیادہ تر بیاہ کر شہر کی شہر میں رہی تھیں۔ اکّا دُکّا بدیس گئی تھیں اور سال دو سال میں میکے آیا کرتی تھیں۔ جب آتیں تو پھر قصے ہی قصے ہوتے تھے۔ انکی سسرال کے، اُس شہر کے جس میں انکی سسرال تھی۔
مہ لقا بڑی پیاری سی دلہن بنی۔ اپنی خالہ زاد، تایا زاد، پھوپھی زاد اور ماموں زاد بہنوں سے بھی اچھی۔ سب نے تعریف کی۔ کسی نے کہا ایسی لگ رہی ہے جیسے پورے چاند کا عکس پانی میں، کسی نے کہا جیسے جھاڑی میں سے نظر آنے والی ہرنی کا چہرہ، کسی نے کہا جیسے پری اور ایسی ہی باتیں۔ لیکن اُسے سب سے اچھی رائے اُس آٹھ دس سال کی لڑکی کی لگی جس نے کہا ’’اپنی سب سے اچھی گڑیا سے بھی زیادہ پیاری لگ رہی ہے۔‘‘
مہ لقا کو نکاح والے دن اس کی ایک خالہ اور انکی دو لڑکیوں نے دلہن بنایا تھا۔ بیوٹی پارلر نہیں لے جائی گئی تھی؟ توبہ، توبہ۔ اُن دنوں نہ بیوٹی پارلر تھے نہ دلہن کو خوبصورت بنانے والی کوئی عورت بلانے پر گھر آتی تھی۔ اور پھر بھی سب کچھ تھا: تازہ پسی ہوئی مہندی جس کی خوشبو سے دلہن کے ہاتھ اور پاؤں دنوں مہکتے تھے۔ اُبٹن، کاجل، مِسّی، بڑھیا سے بڑھیا سرکا تیل اور موسم کے لحاظ سے عطر۔ افشاں اور شادی کا جوڑا ایسا جس کو دلہن کے جسم پر دیکھ مور بھی شرمائے۔ گھر کا سلا ہوا۔
اپنی شادی کے کھانوں میں اُسے سب سے زیادہ بریانی پسند آئی جس کے زعفران کی خوشبو اُسے شام سے آ رہی تھی اور وہ دوبارہ تبارہ لینے کو ہوئی لیکن خالاؤں، پھپھیوں نے ٹوک دیا کہ زیادہ کھاؤ گی تو زعفران کی ڈکاریں آئیں گی اور سسرال کی عورتیں کہیں گی دلہن پیٹو ہے۔ اُسے افسوس اس کا تھا کہ اتنی اچھی بریانی کے ساتھ دہی نہیں تھا اور ربڑی کا خیال نہ اس کے گھر والوں کو آیا نہ سسرال والوں کو۔ یہ سوچ کر وہ اتنی دُکھی ہوئی کہ اُس نے قورمے اور نان کو ہاتھ لگایا نہ زردے کو۔
شادی کے ہفتہ بھر بعد مہ لقا کی اصل بدائی ہوئی۔ اپنے میکے ہی سے نہیں، اپنی سسرال اور اپنے شہر سے۔ میکے سے سسرال کی بدائی بھی کوئی بدائی تھی۔ ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کا ڈولی کے کہار ایک آنہ لیتے یعنی روپے کا سولھواں حصّہ یعنی جتنے میں ایک درجن کیلے اور سیر بھر دودھ آ جاتے۔ پورے روپے میں تو وہ آس پاس کے گاؤں جھنکا لاتے۔ ویسے بھی سننے کے بعد کہ شادی کہاں ہو رہی تھی وہ گھبرائی نہیں تھی۔ وہیں نا جہاں مولسری کی مسجد تھی اور اس کے برابر میں مٹھائی کی دکانیں تھیں۔ ایک شکر اور گھی کی مٹھائی کی، دوسری گڑ اور تیل کی مٹھائی کی جو بیل گاڑی والے چلتی گاڑی سے اتر کر خریدتے تھے اور بھاگ کر دوبارہ اس پر چڑھ جاتے تھے۔ وہ محلہ بھی اس نے بھائیوں بہنوں کے ساتھ سڑک پر کُد کڑے لگانے کے دنوں میں دیکھ رکھا تھا۔
لڑکیوں کی بیاہ کے بعد ایک بار بدائی ہوتی ہے جیسی مہ لقا اپنی گڑیوں کی کرتی رہی تھی۔ وہ کوئی عام لڑکی تو تھی نہیں اس کی بدائی دوبارہ ہوئی۔ کان میں اس کے بھنک تو شادی سے پہلے ہی پڑ گئی تھی کہ اس کا منگیتر تلوار، بھالے اور تیر کمان کا کوئی بڑا سپاہی ہے، بہترین گھوڑے سواراور کسی جنگل میں رہتا ہے۔ ویسا سپاہی نہیں جو شہر میں چور کو کوتوالی لے جاتے دیکھنے میں آتے تھے۔ اس کی ماتحتی میں سپاہیوں کا ایک دستہ تھا۔
جنگل میں اپنے میاں کے ساتھ رہنے کی بات سن کر نہ وہ گھبرائی تھی نہ ڈری تھی۔ اس نے اپنی گڑیا کے کان میں کہا تھا ’’بڑا مزہ آئے گا جنگل میں رہنے میں۔ تیرے دولہا بھائی شکار مار کر لایا کریں گے، میں پکایا کروں گی۔ کبھی میں بھی انکے ساتھ جایا کروں گی شیر کے شکار پر۔ یا ہو سکتا ہے وہاں شیر نہ ہوں، بھیڑئیے ہوں۔ ہو سکتا ہے وہ بھی نہ ہوں ‘‘ ’’ خیر کچھ تو ہوتا ہو گا ‘‘ جیسے اپنی گڑیا کی بات کے جواب میں اس نے کہا۔
دوسری بدائی کے لئے اس کے میاں نے رتھ کیا تھا جسے دو بیل کھینچ رہے تھے۔ خوب سجے ہوئے تگڑے بیل اور رتھ بھی تو ایسی تھی کہ اس نے اپنے شہر میں دیکھی نہیں تھی، کہیں اور سے لائی گئی تھی۔ اس کی لکڑی پر رنگین پھول، پتے اور بیلیں بنی تھیں۔
تیسرے دن رتھ ایسی جگہ پہنچی جو دریا کا کنارہ تھا۔ وہاں ایک بڑی کشتی اس کے خاوند نے پہلے سے کر رکھی تھی جس میں وہ دونوں بھی آرام سے بیٹھ گئے۔ کشتی چلانے والے بھی، اور سارا سامان آ گیا۔ مہ لقا کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں تھی۔ دریا اس نے پہلے کبھی دیکھا ہی نہیں تھا اور اب تو وہ اس پر ناؤ میں بیٹھی سفر کر رہی تھی۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد وہ ہاتھ بڑھا کر پانی کو چھو لیتی اور پی بھی لیتی تھی۔ وہ اُن لڑکیوں، عورتوں میں سے نہیں تھی جو ناؤ میں بیٹھ کر ڈر کر پورے وقت دعائیں پڑھتی رہتی ہیں۔
دریا پر آدھا دن جب گزر گیا تو میاں نے کہا ’’بس اب ہم منزل کے نزدیک ہیں ‘‘۔
دریا کے دوسرے کنارے پر ایک ڈولا کھڑا تھا اور اس کے خاوند کے دستے کے دو تین آدمی ایک بڑا خوبصورت گھوڑا لئے تیار کھڑے تھے جس پر وہ سمجھ گئی اس کا خاوند بیٹھے گا اور کوئی نہیں۔ ایک بار پھر سفر شروع ہوا لیکن اس دفعہ راستہ کھیتوں میں سے ہو کر جاتا تھا۔ ہر طرف ہریالی ہی ہریالی تھی۔ کہیں پھول کھلے تھے، کہیں خوبصورت سے پھولوں والی جھاڑیاں تھیں اور کہیں کوئی پتلی سے ندی آ جاتی تھی۔ ایک ندی کے پاس اس نے ایک لڑکی کو دیکھا جو اسی کے عمر کی تھی اور پانی میں اُتر کر اپنی بکریوں کو پانی پلا رہی تھی۔ مہ لقا کا جی ایک دم للچا اٹھا کاش وہ بھی ڈولے سے اتر کر پانی میں کھڑی ہو سکتی اور اُس سے باتیں کرتی۔ لیکن بہت جلد وہ ندی، لڑکی اور بکریاں پیچھے رہ گئے۔
اس کا میاں ڈولے کے ساتھ ساتھ گھوڑے پر چل رہا تھا۔ کبھی آگے نکل جاتا، کبھی پھر ساتھ ہو جاتا تھا۔دو ایک بار اشارہ کر کے اُس نے میاں کو پاس بلایا تاکہ کچھ تو باتیں ہوں لیکن وہ بس مہ لقا کے سوال کا جواب دے کر خاموش ہو جاتا۔ اب مہ لقا کو خیال آ رہا تھا کاش گڑیاں ساتھ لاتی تو ڈولے میں اُن ہی سے کھیلتی۔
جنگل میں اپنا گھر اُسے زیادہ نہیں بھایا۔ بس دو کمرے تو تھے اور انکے آگے صحن، وہیں باورچی خانہ وغیرہ۔ ویسے گھر میں ضرورت کی سب چیزیں تھیں۔ کھانا پکانے کے برتن، چکلا بیلن، پھنکنی، چمٹا اور توا۔ اور چیزیں بھی تھیں۔ مٹکے، صراحیاں، بالٹی، ڈونگا، پڑا، کٹورے، لوٹے۔ اور تو اور ہاتھ منہ دھونے کے لیے بیسن۔ اور چارپائیاں اور بستر۔ برابر کا کمرہ مودی خانہ تھا۔ وہاں آٹا تھا، چاول تھے، گھی تھا، دالیں، گڑاور راب (بے دانے کی سفید شکر) سب کچھ تو تھا۔ اس نے اپنے میاں سے مُنھ چھپا کر تھوڑی سی راب مُنھ میں ڈال لی تھی جس کا اُسے پہلے سے چسکا تھا۔
پہلے دن دونوں نے پھر وہی چیزیں کھائیں جو گھر سے ساتھ آئیں تھیں اور سو رہے۔
مہ لقا نے کھانا پکانا اپنی ماں سے سیکھا تھا جن کے ہاتھ کا قورمہ تو قورمہ دال بھی ایسی ہوتی تھی کہ اگر پڑوسن کی ہنڈیا بگڑ جائے یا جل جائے تو وہ اپنے ناک سکوڑنے والے میاں کے ڈر سے موکھلے میں اُن سے تھوڑا سا مانگ لیتی تھیں اور میاں ایسے بدھو ہوتے تھے کہ انہیں پتہ بھی نہیں چلتا تھا اپنے گھر کا کھا رہے ہیں یا کسی دوسرے کے گھر کا۔ مہ لقا کے ہاتھ کے کھانے اور سوئی دھاگے کے کام کی تعریف سُن کر ہی تو اس کے کتنے ہی پیغام آئے تھے۔ ماش کی دال کے دہی بڑے تو وہ ایسے بناتی تھی کہ کیا چاٹ والا بنائے گا۔
اُسے جنگل میں لا کر کئی دن اس کا میاں کہیں نہیں گیا۔ وہ دن بھر اُسے دنیا جہان کے قصّے سناتی رہتی۔ بھائیوں کے بہنوں کے، سب رشتہ داروں اور اُن کے بچوں کے، اپنی دادی، دادا کے اور یہ کہ دادی کو اُس سے اتنا پیار تھا کہ جب انہیں دادا سے کوئی بات کرنی ہوتی تھی تو وہ ’’گڑیا کے دادا‘‘ کہہ کر انہیں مخاطب کرتی تھیں۔
اس پر اس کے میاں نے اُسے ’’دادا کی گڑیا‘‘ کہنا شروع کر دیا۔ مگر اس کی سمجھ میں نہیں آیا وہ انہیں سوتے سے کیا کہہ کر جگایا کرے۔ اُسے ان چند دنوں میں بس اتنا پتہ چل سکا اس کے میاں کا کام گاؤں کی حفاظت کرنا تھا اور کام کے لیے وہ اپنے ماتحت سپاہیوں کے ساتھ جنگل میں ڈاکوؤں کے تعاقب میں گھوما کرتا تھا۔ بھیڑئیے، لومڑیاں وغیرہ گھڑ سواروں کو دیکھ کر پہلے ہی وہاں سے فرار ہو لئے تھے۔
جس دن کئی گھوڑے سوار صبح صبح اس کے خاوند کو لینے آئے تو وہ چلتے ہوئے کہہ گیا ’’گھر کا دروازہ بند رکھنا۔ ویسے خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔ یہاں نہ ڈاکو آئیں گے، نہ شیر اور بھیڑیئے۔ تھوڑی تھوڑی دور پر گاؤں ہیں۔‘‘
اس کے چلے جانے کے بعد پہلے تو مہ لقا نے پورے گھر کی صفائی کی، برتنوں کو چمکایا، چاول پھٹکے، دالیں بینیں اور جب کرنے کو کچھ نہیں رہا تو اُسے یاد آیا کہ میں نے یہ نادانی کی کہ میکہ چھوڑتے ہوئے اپنی سب گڑیاں انکی پوشاکیں اور زیور اپنی دونوں چھوٹی بہنوں کو دے آئی۔ اگر نہ دیتی اور ساتھ لے آتی تو اس وقت اُن سے کھیلتی۔ انگلیاں چٹخانے میں تو سارا دن نہیں گزرا کرے گا۔
پھر اچانک اُسے خیال آیا کیا خیر چھوٹی بہن نے گڑیا کو نہلا دیا ہو۔ وہ اک بار بلی کے بچے کو نہلا چکی تھی اور وہ مر گیا تھا۔ تو کیا میری گڑیا بھی مر جائے گی! خیر چوڑا تو ہو ہی جائے گی۔ اس کی دو گڑیوں کے نام تھے چھنگن اور منگن۔
بس شام کو جب اس کا خاوند گھر آیا تو اس نے اُسے چھنگن منگن کے راجہ کہنا شروع کر دیا۔ اس نے تعجب سے پوچھا ’’چھنگن منگن کون؟‘‘
مہ لقا نے کہا بتایا تو تھا ’’میری بڑی گڑیا کا نام تھا چھنگن، چھوٹی کا منگن‘‘
وہ بہت ہنسا ’’اچھا تو میں ان کا راجہ ہوں !‘‘
مگر وہ بولتا بہت کم تھا۔ بس جتنا ضروری ہو۔ کبھی وہ اُسے جگانے کو اس کا سر اِدھر اُدھر کو ایسے ہلاتا تھا جیسے دیکھ رہا ہو ناریل میں کتنا پانی ہے۔
آہستہ آہستہ مہ لقا کے دل سے جو تھوڑا بہت خوف جنگل کا تھا وہ بھی نکل گیا۔ کبھی کبھی وہ دروازہ کھول کر اِدھر اُدھر جھانک لیتی تھی کہ شاید کوئی آدمی چلتا پھر تا نظر آ جائے۔ لیکن آدمی یا عورت تو خیر کبھی نظر نہیں آئے کہیں دور مور نظر آ جاتے تھے یا ہرن۔ لیکن اس کی ہزار خواہش کے جواب میں وہ سوچتی تھی، ان سے یہ نہیں ہوتا کہ اِدھر آ جایا کریں تو میں انہیں گھی لگی روٹی کے ٹکڑے کھلایا کروں، وہاں انہیں کیڑوں اور گھاس پات کے سوا اور کیا ملتا ہو گا!
ذرا اور ہمت بڑھنے پر وہ دروازہ بھی دن میں کھلا چھوڑنے لگی کہ میرے دروازے پر کھڑے ہونے سے نہیں آتے تو دروازہ کھلا ہونے پر شاید اندر آ جائیں۔ یہ بھی عجیب جگہ ہے، آس پاس گھر ہی نہیں۔ گھر ہوتے اور پڑوسی تو کیا میں یہاں گھبراتی! ہرگز نہیں۔
اتنے سے گھر میں بھلا کرنے کو کتنا کام ہوتا۔ جس دن گھر میں خاوند نہ ہو وہ بے دلی سے اپنے لیے کچھ بنا لیتی، کھاتی اور جا کر لیٹ رہتی اور سوچاکرتی اس وقت وہاں اماں کے گھر میں کیا ہو رہا ہو گا؟ پڑوس کی لڑکیاں آئی ہوں گی اور میری چھوٹی بہنوں سے کھیل رہی ہوں گی۔
اور اس وقت سسرال میں کیا ہو رہا ہو گا؟ وہاں بھی لڑکیاں اور لڑکے کھیل رہے ہونگے۔ ان کے گھر میں نیم کا درخت ہے میں ہوتی تو اس میں جھولا ڈلواتی اور خوب جھولا کرتی۔ جھولتی اور نئی سہیلیوں کو گڑیوں کے بیاہ کے گیت سکھاتی۔
ادھر وہ اٹواٹی کھٹواٹی لئے پڑی رہتی اُدھر میاں کا کام بڑھ گیا تھا۔ پہلے وہ کبھی کبھی کام پر جاتا ہی نہیں تھا کبھی دستے کا کوئی آدمی بلانے آ جاتا تو اس کے ساتھ جاتا اور صبح کا گیا شام کو لوٹ آتا۔ اب اُسے رات کو بھی وہیں رُک جانا پڑتا تھا جہاں جنگل میں اس کا کا م تھا۔ کبھی اگلے دن آتا، کبھی دوسرے تیسرے دن۔ اور اتنے دن بعد جب آتا تو مہ لقا کو اس سے بات کرتے نہ بن پڑتی، لگتا اتنے دن چپ رہنے سے اس کے ہونٹ ایک دوسرے سے چپک گئے ہیں۔ میاں تھکا ہارا آتا گھوڑے کو تھان پر چھوڑ کر اندر آ کر پلنگ پر گرتے ہی سو جاتا۔
ایک صبح جب میاں کام پر جانے کو ہوا تو مہ لقا نے کہا ’’ او چھنگن منگن کے راجہ۔ میرا ایک کام ہے کر دو گے ؟‘‘ وہ گھوڑے پر بیٹھ چکا تھا۔ اس کا سوال سُن کر وہیں سے بولا ’’ہاں دادا کی گڑیا، کیا کام ہے بتاؤ۔ کیا آٹا، چاول ختم ہو گئے ہیں یا راب، گھی اور تیل؟‘‘
مہ لقا بولی ’’سب کچھ ہے مودی خانے میں، دال، چاول، گھی، گڑ بھی ہیں اور کنوئیں میں پانی بھی۔ جلانے کو لکڑی بھی ہے اور پانی کھینچنے کو رسی بھی ہے اور ڈول بھی‘‘
’’پھر؟ ‘‘میاں نے کہا۔
’’مجھے ماش کی دال چاہیے، تھوڑی سی نہیں بہت سی اور شہد وہ بھی تھوڑا سا نہیں بہت سا‘‘
’’وہ کیوں ؟‘‘ میاں نے کہا
وہ چپ رہی تو وہ بولا اتنی بہت سی ماش کی دال اکیلی کھاؤ گی یا مجھے کھلاؤ گی! مجھے تو ہضم نہیں ہو گی اور تم خود ہی کھاؤ گی تو بیمار پڑ جاؤ گی۔
’’ بس چاہیے ‘‘ مہ لقا نے اٹھلا کر کہا۔
’’ اور شہد؟گھڑا بھر شہد پیو گی یا اس میں نہاؤ گی؟‘‘
مہ لقا نے چڑ کر کہا ’’اس سے سارے گھر کا فرش دھوؤں گی اور اندر چلی گئی‘‘۔
میاں جب رات گئے لوٹا تو اس کے ساتھ ایک گھڑے میں شہد تھا اور چھوٹی سی بوری میں ماش کی دال۔ دونوں چیزوں کو مہ لقا کے سامنے رکھ کر اس نے کہا ’’دیکھو تمہاری دونوں چیزیں لے آیا ہوں مگر مجھے نہ دونوں وقت ماش کی دال کھلانا، نہ شہد میں نہلانا۔ ورنہ میں بھاگ کر اپنی کے گھر چلا جاؤں گا۔
’’سچ!‘‘ مہ لقا نے چہک کر کہا۔
’’ہاں ‘‘
’’تو میں بھی ساتھ چلوں گی‘‘ مہ لقا نے کوئل کی سی آواز میں کہا۔
اگلے دن جب وہ گھر میں اکیلی رہ گئی تو اُسنے اُبال کر ماش کی دال پیسنی شروع کی اور بلا تھکے پیستی رہی یہاں تک کہ دوپہر ہو گئی اور اُسے بھوک ستانے لگی۔ کھانا کھا کر تھوڑی دیر اس نے آرام کیا اور پھر سلی بٹّہ لے کر بیٹھ گئی یہاں تک کہ شام ہو گئی۔اس رات اس کا میاں نہیں آیا اور اگلے دن صبح صبح اٹھ کر اُس نے پھر سل بٹّہ سنبھالا اور دال پیسنے بیٹھ گئی۔ وہ پسی ہوئی دال کو دوبارہ پیس رہی تھی کہ شام ہو گئی اور میاں لوٹ آیا۔ مگر اُسے اتنا ہوش نہیں تھا کہ پوچھتا کیا کوئی دعوت کر رہی ہو اس جنگل میں کہ اتنی دال پیس ڈالی ہے۔ کیا ہرنوں اور موروں کی دعوت کی ہے ؟ لیکن مہ لقا خاموش رہی۔
غرض کہ تین دن میں مہ لقا نے ساری دال پیس ڈالی اور اتنی مہین اور ہموار کہ کوئی اس میں انگلی دھنساتا تو پورا کیا آدھا اور چوتھائی دانہ بھی دال کا نہیں ملتا۔ جیسے دہی۔
چوتھی صبح اس نے پسی ہوئی دال سے اپنی پسند کی کوئی چیز بنانی شروع کی۔ جیسے پنڈول(تالاب کی چکنی مٹی) سے بچپن میں جب گھر کا مٹی کا چولھا بنتا تھا اور چکنی مٹی آتی تھی وہ بھی چولھے، ہنڈیاں، بکری اور مرغیاں بنایا کرتی تھی۔ جو چیز اس نے سب سے پہلے بنائی وہ لگتا تھا کسی کا پیٹ ہے پھر اس کے اوپر جو بنایا وہ لگتا تھا سینہ ہے اس کے اوپر گردن اور سر۔ آخیر میں ہاتھ اور پاؤں۔ لیکن اس نے کاریگری یہ دکھائی کہ ہر چیز اندر سے کھوکھلی تھی اور جب کام ختم ہو گیا تو اُسے دھوپ میں رکھ کر ذرا دور سے دیکھا۔ واقعی کتنی خوبصورت اپنی جیسی لڑکی اس نے بنائی تھی۔ بس یہ کہ اسے گال اور پیٹ تھوڑے پچکے ہوئے تھے۔کچھ دیر دھوپ میں رہنے سے جب ماش کی پُتلی ذرا سوکھ گئی تو اس نے اس کے سر میں سے جہاں اس نے سوراخ رکھا تھا تھوڑا تھوڑا کر کے بڑی احتیاط سے کہ قطرہ بھر بھی باہر نہ ٹپکے سارا شہد اس میں انڈیل دیا۔ اب تو پُتلی سچ مچ کی لڑکی لگنے لگی۔ اس کے گال بھی پھول گئے اور پیٹ بھی ایسا ہو گیا جیسے ابھی ابھی کھانا کھایا ہو۔ اب تو مہ لقا کو سچ مچ اس پر پیار آ گیا اور بولی۔
’’ اے بی پڑوسن تم تو سارا شہد چٹ کر گئیں۔ میرا خاوند آئے گا تو کیا کھائے گا‘‘
پڑوسن کے حصّے کا جواب بھی مہ لقا نے دیا ’’بہن خود تم ہی نے تو سارا مجھے زبردستی ٹھنسایا ہے۔ تمہارے لیے یا تمہارے اُن کے لئے کہاں سے چھوڑتی‘‘۔ اس پر مہ لقا نے اپنی پڑوسن کے دونوں گال چوم لئے اور دیر تک اس سے باتیں کرتی رہی۔ ’’تمہارے میاں آج کہاں گئے ہیں ؟ کب آئیں گے ؟ جب آتے ہیں تو تمہارے لیے کیا لاتے ہیں ؟ لچکا لگی اوڑھنی یا پازیب؟‘‘
پڑوسن کے سوالوں پر وہ اپنا حال سناتی: میرے میاں تو بہت ہی اچھے ہیں۔ کہیں بھی جائیں مجھے نہیں بھولتے۔ کبھی میرے لئے سیخ کے کباب لاتے ہیں، کبھی ربڑی اور رات تو شیر مال لائے تھے۔‘‘
اب مہ لقا کے دن جنگل میں اچھے گزر رہے تھے۔ میاں اگر دو تین دن بھی گھر نہ آئیں تو اُسے فکر نہیں ہوتی تھی۔ صبح سو کر اُٹھ کر ناشتے سے پہلے پڑوسن سے دو باتیں کرتی تھی۔ پھر ناشتہ کر کے گھر کا کام۔ کام ختم ہو جانے پر پھر مودی خانے کا دروازہ کھول کر پڑوسن سے باتیں کرتی۔ غرضیکہ رات دن پڑوسن تھی اور وہ۔
ایک دن دوپہر کا کھانا کھا کر سونے جا رہی تھی کہ اُسے یاد آیا رات سے تو پڑوسن سے بات ہی نہیں ہوئی ہے۔ دروازہ کھول کر وہ اندر گئی اور پڑوسن سے صبح نہ آنے کی معافی مانگنے لگی۔ پڑوسن اپنا حال بتانے لگی۔ دونوں دل کھول کر باتیں کر رہی تھیں جو مہ لقا کو خبر ہی نہیں ہوئی کہ میاں دیر سے باہر دھوپ میں کھڑا کنڈی کھٹکھٹا رہا تھا۔
میاں کو بھی گرمی لگ رہی تھی اور اس کے گھوڑے کو بھی۔ دونوں باری باری سے آوازیں دینے لگے۔ میاں پکارتا ’’دادا کی گڑیا‘‘ اور گھوڑا ہنہناتا جیسے کہہ رہا ہو دروازہ کھولو پھر مجھے ٹھنڈا پانی ملے گا۔
میاں نے دروازے سے کان لگایا تو اسے ایسا لگا جیسے مہ لقا کسی سے باتیں کر رہی ہو۔ دونوں آوازیں عورتوں کی تھیں۔ بڑی دیر میں جا کر مہ لقا نے اُن دونوں کی آوازوں کو سُنا اور سٹ پٹا کر مودی خانے کے دروازے کو بھیڑتی ہوئی پڑوسن سے بولی ’’بہن وہ آ گئے ہیں معاف کرنا‘‘ اور تیزی سے باہر کے دروازے کی طرف لپکی۔
جب تک وہ وہاں پہنچی میاں غصّے سے دروازہ توڑ رہا تھا۔
مہ لقا نے پھولی ہوئی سانس سے کہا ’’چھنگن منگن کے راجہ میں آ گئی، ٹھہرو تو‘‘
اور اسی وقت دروازے کے دونوں پٹ اکھڑ کر فرش پر گرے مگر وہ بال بال بچ گئی۔
میاں غصے سے آگ بگولا ہو رہا تھا۔ یہ کہتا ہوا اندر کمرے کی طرف لپکا، اندر کون ہے جس سے تو اتنی دیر سے باتیں کر رہی تھی۔
اب مہ لقا اس کا ہاتھ پکڑ کر روکتی ہوئی کہہ رہی تھی’’ کوئی نہیں۔ کوئی نہیں ‘‘ اور وہ کہہ رہا تھا ’’کوئی ہے ضرور جس سے تو باتیں کر رہی تھی‘‘۔
اس نے اپنا خنجر نکال لیا اور بولا جو بھی ہے میں نے قسم کھائی ہے اس کا ایک چلو خون پیوں گا۔ جس نے مجھے اتنی دیر دھوپ میں کھڑا رکھا اُسے ہر گز نہیں چھوڑوں گا۔
کمرے میں اس نے چاروں طرف دیکھا اور پلنگوں اور تخت کے نیچے اور وہاں کسی کو نہ پا کر مودی خانے کی طرف مڑا۔ مہ لقا نے دروازے کے آگے کھڑے ہو کر اُسے روکنے کی کوشش کی مگر اس نے اسے ایک طرف کو دھکا دے کر کنڈی کھولی اور خنجر لیے اندر گھُسا۔
اب بے چاری مہ لقا اُسے خدا کا واسطہ دے رہی تھی کہ کچھ کرنا مت مگر اتنی دیر میں اسے وہاں وہ شبیہ نظر آ چکی تھی جس کے سر پر ہرا دوپٹہ تھا، تن پر لال کرتی اور اس کے نیچے پیلا ڈھیلا پجامہ۔
وہ جو کہتے ہیں آدمی غصے میں اندھا ہو جاتا ہے سچ ہے۔ کیونکہ مہ لقا کے خاوند نے آؤ دیکھا نہ تاؤ خنجر پُتلی کے سینے میں اتار دیا۔ اُدھر مہ لقا ہائے میری پڑوسن کہہ کرمیاں کی ٹانگیں پکڑے پکڑے فرش پر ڈھیر ہو گئی اُدھر اس کے بے وقوف میاں نے سینے سے بہتی ہوئی دھار سے ایک چُلّو لے کر پیا اور مُنھ بنا کر بولا
’’ارے یہ کیسا خون ہے ! یہ تو میٹھا ہے !‘‘
اور مہ لقا بین کرنے والے انداز سے مُنھ پر اپنا دوپٹہ ڈال کر رونے لگی ’’ہائے میری پڑوسن کو مار دیا۔ ہائے میری پڑوسن کو مار دیا‘‘
اس کے خاوند کی کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ معاملہ کیا ہے وہ مودی خانے سے ایسے نکلا جیسے واقعی کسی کا قتل کر کے نہیں خود اپنا قتل کرا کر آ رہا ہے۔
اتنی دیر میں گھوڑا اندر آ چکا تھا اور مٹکے کا چپن گرا کر منھ اندر ڈال کر پانی پی رہا تھا۔ جب اپنے ہاتھ دھو کر اور پانی پی کر مہ لقا کا خاوند اندر آیا تو اس نے دیکھا مہ لقا کا بین و بکا کب کا رک چکا ہے اور اب وہ دوپٹہ مُنھ پر ڈالے خاموشی سے سسکیاں بھر بھر کر رو رہی ہے۔ بڑی مشکل سے اس نے مہ لقا کو چپ کرایا اور پوچھا ’’مگر یہ پتلی گھر میں آئی کیسے ؟ نہ جہیز میں تمہارے ساتھ آئی تھی نہ ہمارے گھر سے یہاں۔ کیا اُسے تم اپنے ساتھ چھپا کر لائی تھیں ؟‘‘
مہ لقا نے آنسو بہاتے ہوئے کہا ’’آئی نہیں تھی میں نے خود اسے بنایا تھا تم سے ماش کی دال اور شہد منگا کر‘‘
’’مگر کیوں ؟‘‘
’’اسلئے کہ کوئی تو بات کرنے کو ہو‘‘
تب جا کر کہیں وہ موٹی عقل والا بات کو سمجھا اور بولا میں تم سے وعدہ کرتا ہوں اب رات کو باہر نہیں رہا کروں گا۔ اپنے دستے کے سپاہیوں میں سے کسی کے گھر بار کو لا کر یہاں بساؤں گا تاکہ تم اس کی بیوی سے باتیں کیا کرو اور چھٹیوں میں تمہیں گھر بھی لے جایا کروں گا۔ مجھے نہیں معلوم تھا تم بات کو اتنی ترسی ہوئی ہو۔ مہ لقا نے کہا ’’ اور اگر پھر کبھی مجھے پڑوسن سے باتوں میں لگ کر دروازہ کھولنے میں دیر ہوئی تو اس کے خنجر تو نہیں بھونک کر اس کا چُلّو بھر خون پیو گے ؟‘‘ پھر وہ سوچ کر بولی ’’مگر اس کا خون میٹھا نہیں ہو گا۔‘‘ وہ بولا جانتا ہوں۔ مگر ایسا کیوں کرنے لگا۔ اگر کیا تو پکڑا نہیں جاؤں گا۔
٭٭
شوقِ نا تمام
ہم دیوانوں کی کیا ہستی
بھگوتی چرن ورما
حسن منظر۔ ہندی سے ترجمہ
ہم دیوانوں کی کیا ہستی
ہیں آج یہاں کل وہاں چلے
مستی کا عالم ساتھ رہا
ہم دھول اڑاتے جہاں چلے
آئے بن کر سرخوشی ابھی
آنسو بن کر بہہ چلے ابھی
سب کہتے ہی رہ گئے، ارے !
تم کیسے آئے کہاں چلے ؟
کس اُور چلے یہ مت پوچھو
چلتا ہے بس اس لیے چلے
جگ سے اس کا کچھ لیے چلے
جگ کو کچھ اپنا دیے چلے
دو بات کہی، دو بات سُنی
کچھ ہنسے اور پھر کچھ روئے
دکھ سکھ کی مدرا جی بھر کر
ہم ایک بھاؤ سے پئیے چلے
ہم بھک منگوں کی دنیا میں
جی بھر کے لٹا کے پیار چلے
ہم ایک نشانی سی دل پر
لے بے ثمری کا بار چلے
ہم بے عزّت یا با عزت
جی بھر کر کھُل کر کھیل چلے
ہم ہنستے ہنستے آج یہاں
پرانوں کی بازی ہار چلے
ہم بھلا بُرا سب بھول چکے
سر نیچا کر منھ موڑ چلے
غصّے کو پرے کر ہونٹوں سے
آنکھوں سے دعائیں چھوڑ چلے
اب اپنا اور پرایا کیا
آباد رہیں دنیا والے
ہم خود ہی بندھے تھے اور خود ہی
آج اپنے بندھن توڑ چلے
٭٭
سیاہ تارہ
گھر کے کھنڈر پے بیٹھی لڑکی
کچھ سوچ رہی ہے۔
کیا یوں سوچ رہی ہے ؟
یہیں بیٹھی رہوں بابا
یا ا سکول جاؤں
پھر سے ؟
اُس کا گیٹ تو بند ہو گیا ہو گا
یا ہو سکتا ہے اتنی دیر میں
اس کا بھی کھنڈر کر دیا ہو
ہوائی جہاز نے۔
وہ سوچ رہی ہے صبح
میرا گھر ایسا تو نہیں تھا
جاؤں، پڑوس کی لڑکی کو پکاروں
آؤ میرے سنگ کھیلو
جب تک مرے امی ابا آئیں۔
پراس کے گھر کا بھی تو
کچھ پتہ نہیں پڑتا
اور آج وہ ا سکول بھی تو
نہیں آئی تھی۔
دونوں گھر ایک جیسے ہو گئے ہیں،
اور آس پاس کے گھر بھی
زمین پر بکھرے پڑے ہیں۔
کیا یہ اُس سیاہ کپڑوں والے
جادو گرکا کام ہے جس نے
ا سکول کے ہال میں ہمیں
چیزوں کو غائب کر دینے کا
کمال دکھایا تھا۔
ا سکول بیگ کو لٹکائے لٹکائے میرے کندھے بوجھ سے ٹوٹ رہے ہیں
پھر دُور سے
ہوائی جہازوں کی
آواز آنے لگی، مگر میں
اپنی جگہ سے اٹھوں گی نہیں
ڈروں گی نہیں۔
اُنہیں اڑانے والے بزدل ہیں
بزدلوں سے کیا ڈرنا،
مری ماں کہتی ہیں
اور میں بھی۔
ان جہازوں کے پیٹ سے
اب ان کے
لوہے کے انڈے نکلیں گے
اور ٹپ ٹپ زمین پر گر کر
دھواں دیں گے،
شور مچائیں گے، سر پٹخ پٹخ کر
مر جائیں گے۔ پر اُن میں سے
مرغیوں کے انڈوں
کی طرح
بچے نہیں نکلیں گے۔
اور انڈوں کو زمین پر
پھینک کر، ہوائی جہاز
اپنے گھروں کو بھاگ جائیں گے
شکر ہے ہمارے امی ابا
ایسے نہیں ہیں۔
کیا میں یہیں بیٹھی رہوں
مری ماں کب تک
مرے بابا کب تک؟
میرا ساتھ دینے کو
کسی کھنڈر میں سے
کسی بچے کی رونے تک کی
آواز نہیں آ رہی ہے
مگر میں ڈر نہیں رہی ہوں۔
گھر کے کھنڈر پے سوئی لڑکی
کیا دیکھ رہی ہے ؟
لال آسمان، یہاں سے وہاں تک
پھیلا، آنکھیں میچے سوتا جا رہا ہے۔
نہ اُس پر چاند ہے
نہ تارے
کیا ان کے بھی کھنڈر بن گئے
یا ہوائی جہاز کے جادو گروں نے
انہیں بھی غائب کر دیا؟
ایسے تو یہ کوئی بھی چیز
نہیں چھوڑیں گے۔
نہ زمین پر نہ آسمان پر۔
ان کھنڈروں کے اوپر
اندھے آسمان سے
ایک بہت بڑا سیاہ
آٹھ نوکوں والا تارہ
ہم پر جھانک رہا ہے
جِسے میں نے ٹینکوں پر دیکھا ہے
اور ہوائی جہازوں پر
مگر میں اس سے نہیں ڈرتی۔
اس تارے پر رہنے والے
’’بزدل ہیں ‘‘
میری ماں کہتی ہیں
اور میں بھی۔
انسانیت کا تابوت
حسن منظر
انسان کی تاریخ میں اتنے وسیع پیمانے پر اور اتنا جم کر جھوٹ کبھی نہیں بولا گیا جتنا پچھلی صدی میں جو ۲۰۰۰ء پر ختم ہوئی۔ نہ ہی ایسا مسلسل جھوٹ جس پر پڑھی لکھی دنیا ساتھ ساتھ پابندی سے ایمان لاتی گئی ہو۔ جب بڑے بڑے جابر فاتحین کے لشکر ماضی میں کمزور ملکوں کو روندتے پھر رہے تھے تو یہ نہیں ہوا تھا کہ جہاں تک اُن کے تاخت و تاراج کی خبر پہنچتی گئی تھی وہاں کے حکمران اور سیاست دان ان کے اس عمل کو مستحسن گردانتے گئے تھے اور ان کی کمک کو لپکتے تھے۔ چوتھی اور پانچویں صدی میں جب انہوں نے یورپ کا ملیا میٹ کیا تھا اور تیرھویں اور چودھویں صدی میں تاتاریوں نے ایشیا اور یورپ کے بڑے حصوں کو تو وہ دور انسان کی جاہلیت کا تھا، جب انسان اپنی سرشت میں کافی حد تک حیوان تھا اور اس لئے قابل معافی لیکن بیسویں صدی میں جو کچھ فلسطین میں ہوا ہے اور ہو رہا ہے وہ دنیا کی تعلیم یافتہ ترین، مہذب قوموں کے ہاتھوں ہے۔ باقی دنیا کو اس ظلم کے ایک ایک دن کی خبر رہتی ہے لیکن اس کا بڑا حصہ بے بس ہے اور جو حصّہ بے بس نہیں ہے اس کے عوام کو شب و روز یقین دلایا جاتا ہے ظالم وہ نہیں ہیں جو دوسروں کے ملک میں گھس کر انہیں ان کے کھیتوں، باغوں اور املاک سے بے دخل کر چکے ہیں، ظالم وہ ہیں جو اپنی اسی فیصد زمین گنوا کر باقی کو چھوڑنے پر تیار نہیں ہیں۔ یہ داستان ایسی ہے جسے اگر ہزار بار بھی سنایا جائے تو باسی نہیں ہو گی کیونکہ ایسا سانحۂ پیہم جو ایک صدی میں جاری رہ کر دوسری صدی میں پہنچ گیا ہے۔ اپنے اندر انسان کے ظلم کرنے کے ان گنت سیاہ جواہر رکھتا ہے اور ظلم کی پردہ پوشی کے۔ اور ان دو سے بڑھ کر نہتوں کے دنیا کی مہیب طاقتوں کے آگے سر نہ جھکانے کے۔
جس زمین کا یہ قصّہ ہے اس میں دو ہزار سے زیادہ سال سے جو قوم بس رہی تھی اُسے فلسطینی کہا جاتا ہے۔ وہ سر زمین فلسطین تھی، اُسے کاشت میں لانے والے فلسطینی۔ اس زمین کا یہی نام اناجیل اور اناجیل میں شامل ایٹلسوں میں دکھایا جاتا رہا ہے اور جیسا کہ ہم جانتے ہیں اناجیل (بائبل) کا بڑا حصّہ یہود کی دو صحائف سماوی زبور اور توریت پر مشتمل ہے۔ اس عالمی جھوٹ کے شروع ہونے سے پہلے افریقہ اور ایشیا میں بسنے والے یہود جو جہاں تھے اطمینان کی زندگی بسر کر رہے تھے نہ انہیں وہاں کی بڑی آبادیوں سے خطرہ تھا اور نہ ان بڑی آبادیوں کو اس تجارت اور زراعت پیشہ اقلیت سے۔ اس کے برعکس بعض وجوہ کی بنا پر یورپ میں بسے ہوئے یہودیوں نے خود کو اُن ممالک میں ہمیشہ غیر محفوظ پایا۔ انتہائی مغرب سے لے کر انتہائی مشرق تک ہر ملک نے انہیں سوسائٹی کا ایک گرا ہوا طبقہ سمجھا، انہیں اپنے تنگ باڑھوں ghettoes میں رہنے پر مجبور کیا، ادیبوں اور دوسرے فنکاروں نے ان کی تضحیک کو اپنے فن کا حصہ بنایا۔ افراد اور حکومتیں ان سے سود پر قرضہ لیتی تھیں جو ان کے مسلک میں ناجائز ہے، لیکن انہوں نے سود پر غیر یہود کو قرضہ دنیا اپنے لئے جائز بنا لیا۔ ہر ملک کی کاروباری دنیا پران کا کنٹرول رہتا تھا اور ان کا قتل عام اُن ملکوں کی تاریخ کا حصہ بنا۔ بعض ملکوں میں ان کے داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی۔ (بیسویں صدی کے اوائل میں برطانیہ) اور اکثر ملکوں سے انہیں جانیں گنوا کر اور لٹ لٹا کر بھاگنا پڑا۔ ایسی ہی صورت حال اسپین سے نکالے جانے پر تھی جب صلاح الدین نے انہیں فلسطین میں آ کر بسنے کی دعوت دی تھی۔ بغیر کسی قسم کی پہلے سے طے کی ہوئی شرائط یا پابندیوں کے۔
تاریخ میں کم سے کم دو بار یہود جروسلم چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے جسے وہ یروشلائم کہتے ہیں، جسے بائبل کی سپاہ نے ۵۸۶ قبل مسیح اور رومنوں نے ۷۰ عیسوی میں جلایا اور اجاڑا۔ یہ اس قوم کی تاریخ تھی اور یہ حالات اُس وقت تھے جب ۱۸۹۷ء میں ہنگری کے ایک یہودی مفکر تھیوڈ ور ہرزل نے ایک سیاسی تحریک کی بنیاد ڈالی جس کا مقصد فلسطین میں دوبارہ یہود کے لئے اپنی سلطنت کا گوشۂ عافیت قائم کرنا تھا۔
قدیم یروشلم کے قلعے کا نام زاؤن تھا اور ان دو پہاڑوں میں سے بھی ایک کا نام جن سے یہ’’ فردوسی شہر‘‘ یہود کی تاریخ میں پہچانا جاتا ہے۔ تھیوڈورہرزل کی تحریک کا نام زاؤنزم Zionism اسی مناسبت سے ہے۔ اردو میں صیہون، صیہونی اور صیہونیت شاید عربی سے آئے ہیں۔
دو باتیں توجہ طلب ہیں : یہود کے نزدیک یہود Jew، کو غیر یہود gentile پر فوقیت ہے، جیسے یہود سے سود لینا ناجائز ہے، غیر یہود سے جائز۔
دوسرے : یورپ میں بسے ہوئے یہود نے آبادی کے تناسب سے شاید دنیا کی باقی تمام اقوام سے زیادہ دانشور، ادیب، سائنسدان، میڈیسن کی نمایاں ہستیاں، فلم ساز اور شطرنج کے کھلاڑی پیدا کئے ہیں جنہیں بلا مذہبی اور نسلی تعصب ہر جگہ عزت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ جو یہود ہمیشہ سے فلسطینی تھے، اور فلسطینی اُن کے علاوہ عیسائی، مسلمان، دروز بھی تھے، خود کو باقی آبادی کا حصّہ سمجھتے تھے۔ ان کے یہا ں مذہب صرف تالمود اور توریت تک محدود نہیں تھا، ان کی زندگی کا حصہ تھا۔ ان کے جر (rabbi) یورپ اور امریکا سے وارد ہونے والے یہودیوں کو راہ گم کردہ سے زیادہ نہیں سمجھتے ہیں۔
بیسویں صدی نے تھیوڈورہرزل اور اس کے ہم نو ا لیڈروں کی تحریک پر یورپ کے یہودیوں کو فلسطین میں کھیپوں کی شکل میں نازل ہوتے دیکھا۔ اسے ایک مذہبی فریضہ قرار دیا گیا۔
روس اور نازی جرمنی میں بپا ہونے والے یہودیوں کے قتل عام نے دو نئے نام دنیا کی زبانوں کو دیئے : پوگروم اور ہولوکاسٹ۔ ان دونوں نے فلسطین میں سفید یہودیوں کی آمد پرCatalyst* کا کام کیا۔ اُن میں بھی مغربی یورپ اور روس سے آنے والوں کی اکثریت تھی، غریب یورپی مشرقی ممالک سے آنے والے کم۔
یہاں تک فلسطین کا جہاں تک تعلق ہے، سب کچھ ٹھیک تھا۔ عرب یعنی فلسطینی ان باہر سے آنے والوں کے لئے اپنے گھر اور دل میں جگہ دینے والے لوگ تھے (Of accommodating nature) با مروّت، بازو پھیلا کر سینے سے لگا لینے والے۔ انہوں نے ان کی خاطر مدارات کی کہ ہٹلر کے ستائے ہوئے ہیں۔ لیکن اس بات کو کھُل کر تسلیم نہیں کیا گیا ہے کہ یورپ سے فلسطین آتے آتے وہاں کے سفید ہاد کی فطر ت کو بدل دیا گیا تھا۔ انہیں تعلیم دی گئی تھی:
اس سر زمین میں پہلے کوئی نہیں بستا تھا، اسلئے یہ زمین ان کی ہے جن کی پہلے زمین نہیں تھی۔ فلسطین نام کا کوئی ملک کبھی نہیں تھا۔ نہ فلسطینی نام کی کوئی قوم۔
ہرزل اور اس کے ساتھیوں نے کبھی اس گُتھی کو سلجھانے کی کوشش نہیں کی کیوں یورپ میں ہر جگہ ہاد پر ظلم ہوئے، دیش نکالا ملا۔ کیوں نہیں دنیا کی باقی مذہبی اور نسلی اقلیتیں خود کو Persecuted یعنی ستائی ہوئی قومیں سمجھتی ہیں اور بغیر اپنی پہچان کھوئے اکثریت میں خرمّی سے جی رہی ہیں۔ مثلاً ہندوستان میں مسلمان، عیسائی، پارسی، اور سکھ باوجود اس کے کہ وہاں بھی اکثریت میں بہت سے مذہبی سر پھرے ہیں۔
تاریخ اپنے کو دہراتی ہے یہ درست ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں اس کے پاس نیا کچھ دینے کو نہیں ہوتا ہے۔ فلسطین میں قدم جما کر سفید یہود نے پھر وہی راہ اختیار کی جس نے انہیں یورپ میں ناقابل قبول بنا دیا تھا۔ ہمیشہ خود کو یہود اور دوسروں کو gentile غیر یہود سمجھنا۔ اُن دوسروں کی اپنی کوئی پہچان نہیں تھی، تھی تو یہود کے تعلق سے۔ عرب ان کے لئے خدا کی کوئی گری ہوئی مخلوق تھے جن کا اس زمین سے بے دخل کر دیا جانا ضروری تھا اور اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے تھا۔
فلسطین کا رخ کرنے والے سفید یہود سے گزرتی ہوئی تاریخ کیا کام لے رہی ہے اس کا علم انہیں تھا۔ مختصراً : نو آبادیاتی نظام بیسویں صدی کے پہلے نصف میں ختم ہو رہا تھا۔ برطانیہ، فرانس، پرتگال، اسپین، اٹلی قسم کے ممالک اُن آبادیوں پر حکومت نہیں کر سکتے تھے جہاں ان کی اپنی آبادی حکام طبقے تک محدود تھی، یا بیرونی تجارتی کمپنیوں میں کام کرنے والوں پر مشتمل اقتصادی منفعت کے پیش نظر ضرورت اس بات کی تھی کہ مشرق وسطیٰ میں ایسی کولونی وجود میں لائی جائے جہاں اب مغرب کے عوام لا کر بسائے جائیں اور اپنی اکثریت ہو۔یعنیSettlers colonyجو تیل کے محور پر پہرہ دے سکے ور جو اس کا ضامن ہو کہ آگے چل کر وہاں ایسی آزادی کی تحریکیں نہیں ابھریں گی جو وہاں کے قدرتی وسائل کو کلیتاً قومی وسائل بنا دیں۔ یورپ، ایشیا اور افریقہ کے اُس سنگم پر موجود اسرائیل کی فوجی اہمیت واضح ہے۔
تھیوڈورہرزل کے تجارتی دماغ نے مغرب کی اس مستقبل کی ضرورت کو پہچانا اور مغرب نے اس کی قوم کی ضرورت کو کہ وہ کہیں جا کر بسنا چاہتی ہے۔
بالآخر برطانیہ نے زمین کے اس ٹکڑے کو زاؤنسٹوں (سفید یہود) کو تحفتاً دے دیا، جو یہود وہاں آ کر بستے گئے انہیں عسکری تربیت دے کر ان کے دہشت پھیلانے والے جتھوں (اوِگن، ہگانا وغیرہ) کو اسلحہ سے لیس کیا اور جب ملک نو واردوں اور پرانے باشندوں میں صریح نا انصافی سے تقسیم کیا گیا اور فسادات شروع ہوئے تو زمین سے محروم کئے جانے والوں سے ہتھیار لے کر انہیں بے دست و پا کر دیا گیا کہ وہ دہشت گرد ہیں۔
۱۹۴۸ء میں اسرائیل کے وجود میں آنے پر اس کے لیڈروں کے الفاظ میں امریکا کی تائید سے چند بڑے بڑے منظم قتل عام (مثلاً دیرنیس) رچائے گئے جن کے نتیجے میں نہتے فلسطینی گھر اور کھیت چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوئے، بچی ہوئی فلسطینی آبادیوں کو ہر ممکن طریقے سے نئی یہودی آبادیاں بسانے کے لئے زمین، پانی اور زندگی کی ضرورتوں سے محروم کیا گیا، اور کیا جا رہا ہے۔ جو فلسطینی دوسرے ملکوں میں عسرت اور تکلیف کی زندگی گزار رہے ہیں ان کی اپنے ملک میں واپسی پر پابندی اس مسلسل ٹریجڈی کا تیسرا حصہ ہے۔
جو جنگ فلسطینی اپنی زمین کی واپسی کے لیے لڑ رہے ہیں وہ امریکا اور اس کے تمام مغربی حواریوں کے نزدیک ان کی دہشت پسندی ہے۔ یو۔این۔ اقوام متحدہ سے اسرائیل کو پہلے دن سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ باقی عرب ممالک کو ان بے گھر لوگوں کے حقوق میں دلچسپی نہیں ہے کیونکہ ان میں سے بھی اکثر فلسطینیوں کو دہشت پسند سمجھتے ہیں اور امریکا کی استعانت سے حاصل کیے ہوئے استحکام پر قانع ہیں جو ان کے فرسودہ نظام حکومت کے خلاف اٹھنے والے داخلی انقلاب اور اس کے ساتھ آنے والے جمہوری نظام کا سدِ باب کر رہا ہے۔
تعجب ہے جس ملک کو یہود وہاں کی مقامی آبادی کے دل میں گھر کر کے فتح کر سکتے تھے اُسے انھوں نے متواتر اور ہمیشہ جنگ کے لیے چوکس رہنے سے زیر پا کر رکھا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کب تک؟
بچے کھچے ملک میں فلسطینی حکومت کا قیام امریکا اور اقوام متحدہ کی نظر میں اس جبر اور ظلم سے پُر مسئلے کا حل ہو سکتا ہے لیکن جنہیں ان کی زمین اور با عزت زندگی سے تین چوتھائی صدی میں محروم کیا گیا ہے ان کے نزدیک نہیں۔
کہا جاتا ہے اور میں نے خود امریکیوں کے منھ سے سنا ہے، اسرائیل کی طرف داری کے پیچھے مغرب کا خطاوار ضمیر کام کر رہا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے اگر یورپ نے اپنے یہود سے غیر انسانی سلوک صدیوں روا رکھا تو اس کی سزا فلسطین کو کیوں دی گئی اور کیوں مغرب نے اپنی آنکھیں ان مظالم پر بند کر رکھی ہیں جو فلسطینیوں کے سر پر ۱۹۴۸ء سے اب تک ڈھائے جا رہے ہیں۔
مریم جمیلہ (سابقہ یہودہ مارگریٹ مارکس) نے لکھا ہے دوسری جنگ عظیم سے پہلے جرمنی میں جس طرح وہاں کے یہود نے اپنا تسلط وہاں کی مالی اور ذرائع ابلاغ کی دنیا پر جما رکھا تھا جس کا نتیجہ وہ نفرت کا آتش فشاں تھا جو نازی عہد میں پھٹا، ویسی ہی صورت حال ایک بار پھر یہودیوں نے وہاں پیدا کر لی ہے۔ سادہ الفاظ میں جرمنی ایک بار پھر جرمنی کے ریڈیو، ٹیلی ویژن، اسٹیج، سینما، ادب، اخبار اور رسائل کی باگ یہود کے ہاتھ میں ہے۔ اپنے اس اوبسیشنObsessionسے یہ بیمار قوم نہ واقف ہے نہ صدیوں میں نجات پا سکی ہے : خاموشی سے ہر ملک میں جہاں رہیں، وہاں کی حکومت کے اُن پر زوں کو اپنے بس میں کرتے جانا جو اُن کو اُس کے مالیاتی نظام پر لامتناہی کنٹرول دے دے۔ اس کا م کو اس اوکٹوپس کا وہ لاکھوں میل پھیلی ہوئی سونڈ میں انجام دے رہی ہیں جو یورپ، آسٹریلیا اور امریکا تک پھیلی ہیں اور رات دن اسرائیل کی خفیہ ایجنسی کو اطلاعات پہنچاتی رہتی ہیں : گورنمنٹ اداروں، میونسپل کارپوریشنوں، یونیورسٹی، ہسپتالوں، بڑے تجارتی، صنعتی اداروں میں کام کرنے والوں میں کون فلسطینیوں کے مظالم پر ایک لفظ بھی زبان پر لاتا ہے اور کون اسرائیل کی جارحیت کو جارحیت کہتا ہے۔ یہی ایجنسی ان ممالک میں سیاسی لیڈروں کے بنانے بگاڑنے کا کا م کرتی ہے اور دوسری عالمی جنگ کے گڑھے مردے آج تک اکھاڑ رہی ہے۔ بڑی حد تک ادب کے عالمی انعامات کا فیصلہ یہی اوکٹوپس اپنی سونڈوں کے ذریعے کرتا ہے جو سونگھ لیتی ہیں اس کرۂ ارض پر کیا اسرائیل کا پسند کا ہے اور کہاں سے ناپسندیدگی کی بُو آ رہی ہے۔ امریکا میں صدر کے چند انتخابات پہلے ایک اور افریقی ۔امریکی وہاں تک پہنچ گیا تھا جہاں سے وائٹ ہاؤس میں صرف ایک جست کی دوری تھی۔ مگر اس نے ایک عرب طائفے سے ملاقات بغیر ضروری اجازت کے کی۔ اس پر فلسطین سے موافق ہونے کا الزام لگا اور وہ اس دیس سے ہمیشہ کے لیے خارج ہو گیا۔
اُن تمام سالوں میں جب سے زاؤلسٹ تحریک نے فلسطین میں اپنے قدم جمانے شروع کیے تھے اسرائیلوں کے مسلسل اسلحہ سے لیس رہنے اور غیر یہودیوں کے قتل میں دریغ نہ کرنے نے ایک نئے یہودی دماغ کی تشکیل کی ہے۔ ایسا دماغ جو جرم کرنے پر پچھتاتا اور مظلوم سے ہمدردی کی انسانی صفات کھو چکا ہے۔ Lacking in empathy۔ مثلاً ایک اسرائیلی کو راہ چلتے کہیں ایک نہتا فلسطینی نظر آ جاتا ہے اور چونکہ وہ مسلح ہے اور جانتا ہے اس سر زمین میں بسنے کا صرف ایک طریقہ ہے فلسطینیوں کا خاتمہ وہ اسے یونہی مار کر اپنی راہ لے سکتا ہے۔ اس کا افسوس نہ اسے ہو گا نہ دیکھنے اور سننے والوں کو یہ واقعہ ظلم لگے گا۔
اس ضمیر سے عاری دماغ کی تشکیل نہ صرف اسرائیل میں ہوئی ہے بلکہ ان مغربی ممالک میں بھی جنہوں نے تا ابد اسرائیل کا ساتھ دینے کا عہد و پیمان کر رکھا ہے۔ مثلاً امریکا کے بیشتر عوام پر ان خبروں کا مطلق اثر نہیں ہوتا ہے جو فلسطینیوں کی آبادیوں کی بل ڈوزرز سے مسمار کئے جانے سے متعلق ہوتی ہیں، جہاں مزید اسرائیلوں کے لئے گھر بنائے جائیں گے اور یہ بے حسی امریکا کے عوام میں اس حد تک کہ جب خود ان کی ایک لڑکی (ریچل کوری) کو جو اپنی فلسطینی دوست کے مکان کے ڈھائے جانے کے خلاف احتجاج کر رہی تھی بل ڈوزر نے کچل دیا تو بھی وہ اس پر مشتعل نہیں ہوئے۔ سوائے چند ایک کے۔ حقیقت میں امریکی عوام دورِ جمہوریت کے ایسے کج رو اور منحرف دور میں جی رہے ہیں جب ان کی ذمہ داری صدر اور حکومت کے اراکین کے چن لینے کے بعد ختم ہو جاتی ہے بعد میں چونکہ ان کی آسودگی کی زندگی حکومت کی تبدیلی کے ساتھ بدلتی نہیں ہے انہیں اس کی مطلق فکر نہیں ہوتی ہے ان کی حکومت کمزور ممالک میں کیا کرتی پھر رہی ہے۔ ہر ملک میں امریکا کا قائم کیا ہوا ج محاذ امریکی عوام اپنی جمہوریت کی دفاع میں نظر آتا ہے۔ اُن پر خود ان کے ایک سابق صدر(جمی کارٹر) کی کتاب بھی بے اثر رہی ہے جس میں انہوں نے اسرائیل کے حالات کا اپارتھائڈ جنوبی افریقہ سے موازنہ کیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ جو ظلم افریقیوں پر وہاں کی سفید آبادی کر رہی تھی اسرائیلیوں کا رول فلسطین میں اس سے مختلف نہیں ہے۔ (Palestine Peace Not Apartheid)
یہ کہنا درست ہے تمام سفید یہودی اس لامتناہی ظلم میں زاؤلسٹ اسرائیلیوں کے ساتھی نہیں رہے ہیں۔ آئن اسٹائن سے لے کر ھیرالڈ پائنٹر تک نے اس ظلم کے خلاف وقتاً فوقتاً آواز اٹھائی لیکن یہ حقیقت ہے وہ آواز اتنی اونچی نہیں تھی کہ دنیا کے عوام کو سنائی دیتی۔ جن مغربی ممالک میں وہاں کے ڈاکٹروں نے اسرائیل اور فلسطین میں کام کرنے کے بعد میڈیکل رسائل میں اپنے وہاں کے تجربات کا ذکر خطوں میں کیا، ان کے ایک خط کے جواب میں دس سخت پرواسرائیلی خط چھپے جن میں کہا گیا ’’سب غلط ہے ‘‘ اور بالآخر ان حقیقت بیان کرنے والوں کو خاموش ہونا پڑا۔
اوپر جس اوبسیشن Obsession کا ذکر آیا ہے اسی سے ملحق وہ شک کی بیماری Paranoinہے جس نے تمام مغربی ممالک میں ان آرا کے اظہار پر پابندی عائد کر رکھی ہے جو اسرائیل کی موافقت میں نہیں ہیں۔ اگر اسرائیل کہتا ہے نازی جرمنی نے ساٹھ لاکھ یہود کو گیس چیمبرز میں بھیج کر ختم کیا تھا تو اس سے انکار یا اس تعداد کو کم کرنا جرم ہے۔ مغربی دنیا اس وقت بڑی حد تک اسرائیل کی قید میں نہ سہی جال میں پھنسی ہوئی ہے۔ وہاں کے اخبار آزاد ہیں نہ ٹیلی ویژن اور یہ دیکھتے ہوئے کہ اشک نازی یہود کی آبادی کتنی مختصر ہے ان کے طاقت کے اس تانے بانے کو جس نے مغربی دنیا کے مہان ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے کر بے بس کر رکھا ہے انکی عقل کو داد دینی پڑتی ہے۔ لیکن ہمیشہ کی طرح یہی عقل اُنہیں اُدھر لے جا رہی ہے جدھر پوگروم اور ہولوکاسٹ ہیں۔ اور یہ پوگروم اور ہولوکاسٹ غیر یہود میں یہود سے بغض کی بھٹیاں نہیں ہیں۔ ان کے پیچھے دوسروں کے ساتھ مکمل طور سے آمیز ہو پانے کی صلاحیت کا فقدان کام کر رہا ہے۔ اور افسوس یہ جان کر ہوتا ہے کہ اسرائیل نے جہاں خود کو لا کھڑا کیا ہے وہاں اس کا ساتھ صرف اس کا یہ غیر متزلزل یقین دے رہا ہے کہ اس کا ہر عمل اعتراض سے بالا ہے، اس کا فوجی دفاع ناقابل شکست ہے اور آنے والے زمانے میں نہ دنیا کی کوئی طاقت ایک انچ زمین اس سے لے سکتی ہے نہ یروشلم پر اس کے مکمل اقتدار کو ختم کر سکتی ہے۔ اسرائیل کا یہ اعتقاد مغربی دنیا کے لیے بڑا حوصلہ افزا ہے۔ جس کا خود اپنے بارے میں یہی اعتقاد ہے۔
رہافلسطین کے مسئلے کا حل جو سوچتے ہیں دو مملکتیں قائم کرنے میں ہے، ایک یہود کی، دوسری عربوں کی وہ جانتے ہیں اسرائیل فلسطین کو ایک ماتحت چھوٹی سی ریاست بنا کر رکھنے ہی میں اپنی بقا دیکھ رہا ہے ورنہ صحیح حل صرف ایک ہے۔ اُس سر زمین میں ایسی مملکت کا قیام جہاں تمام قومیں برابری کے ساتھ ایک دوسرے کے پہلو بہ پہلو جی رہی ہوں، جن سے زمین چھینی گئی وہ واپس آ کر اُسے آباد کریں اور یورپ کے یہود Jew اور gentile**** (یہود اور غیر یہود کا نسلی تعصب ختم کر کے یا کل آبادی کا جزو بن جائیں یا جیسا کہ وہ خود تھوڑا بہت اب بھی کر رہے ہیں اُس زمین کو اپنی پسند کا نہ پا کر خالی کر جائیں۔
مگر اشک نازی سفید یہود فلسطینیوں کو اپنے ہی جیسا انسان سمجھ کر ان کے ساتھ زندگی بسر کرنے میں تامل ہے کیونکہ وہاں تو وہ یہودی جو افریقہ اور ایشیا سے لا کر بسائے گئے ہیں وہ تک درجہ دوم کے اسرائیلی سمجھتے جاتے ہیں۔ خدمت گار، سڑکیں بنانے والے۔
۱۹۴۷ء میں پاکستان وجود میں آیا اور اس کے ۳۶ سال بعد جب پہلی بار میں مراد آباد جا سکا جہاں میں نے آنکھیں کھولی تھیں، ا سکول گیا تھا، لکھنا شروع کیا تھا تو وہ مکان دیکھنے بھی گیا جس کا بڑا حصہ والد مرحوم نے بنوایا تھا۔ ہمارے وہاں سے چلنے آنے کے بعد وہ مکان متروکہ جائداد ٹھہرا کر کسی ہندو شرنارتھی عورت کو الاٹ کر دیا گیا تھا۔ پھر اس نے اُسے کسی مقامی مسلمان کے ہاتھ فروخت کیا اور کہیں اور چلی گئی۔ نئے مکینوں نے مجھ سے بہت سوال کیے جن کا جواب دینے میں مجھے بھی لطف آ رہا تھا۔ نیچے کے مکان کا جتنا بنا ہوا حصہ آپکے والد صاحب نے خریدا تھا کتنا پرانا ہے، کس سے لیا تھا؟ کتنے کا لیا تھا؟ اس جگہ پہلے کیا تھا؟ تب اوپر کا چھت کچی تھی یا پکی؟ اور میں بھی انہیں بتاتا رہا یہاں ہم گرمیوں میں سوتے تھے، میرے والد صاحب کی کتابیں اس الماری میں رہتی تھیں، میری اس الماری میں اور اس زینے کی سیڑھیوں پر گرمیوں کی دوپہر میں بیٹھ کر میں پڑھا کرتا تھا کیونکہ یہاں فراٹے کی ہوا آتی تھی،
’’اب بھی آتی ہے ‘‘
انہوں نے ہمیں۔ بیوی، دونوں بیٹیاں اور میں۔ چائے پلائی اس کے ساتھ سیب بھی تھے۔ جب مغرب کی اذان سنائی دی مجھے ایک نئی خوشی نے اچانک اپنی آغوش میں لے لیا۔ اپنی مسجدمیں جا کر نماز پڑھ آؤں، میزبان مسکرادیئے۔ جب تک میں نماز پڑھ کر لوٹوں مہمانداری جاری رہی۔
سوسن٭ ابو التھوا کے ناول ’’زخم کا نشان‘‘ میں بھی ایک ایسا ہی سین ہے جب ایک بے گھر کی ہوئی فلسطینی عورت وہاں جاتی ہے جہاں پہلے عربوں کی آبادی تھی، جہاں پہلے اس کے باپ کا گھر تھا اور اب اسرائیلوں کے گھر تھے۔ اس نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ موجودہ بسنے والی نے دروازہ کھولا:
ایک خوبصورت تیس سال کی عورت باہر نکلی مگر جب اسے معلوم ہوا کہ اس کے دروازے پر کھڑے یہ اجنبی اپنی فلسطینی یادیں تازہ کر نا چاہتے ہیں تو اس نے انکار کر دیا۔ آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ اب یہ ہمارا گھر ہے۔ یہ کہہ کر اس نے دروازہ بند کر دیا۔
یہ وہ شخصیت اور دماغ ہے جس میں زاؤلسٹ اسرائیل نے جذبۂ انسانیت کو اپنوں کے دلوں میں بھی قتل کر دیا ہے۔ اوراسرائیل خود کیا ہے ؟ انسانیت کا تابوت۔
_____________________________________
* کیٹالسٹ: وہ شے جو دوسری اشیاء میں کیمیاوی تغیر پیدا کرتی ہے لیکن خود اس عمل سے متاثر نہیں ہوتی ہے۔
** : ایک ہی کام کو بار بار کرنے پر مجبور رہنا
***:غالباً Andrew Young
**** Goyim or Gentiles: Ummi جاھل, all non ;jewish races
٭ فلسطینی مصنفہ جواب امریکا میں بس گئی ہیں۔
٭٭٭
معراج کی شب
نعتِ رسولؐ
غالب عرفان (کراچی)
ملتی نہ حشر میں بھی شفاعت رسول کی ہوتی نہ جو نصیب قیادت رسول کی
خیر البشر کے روپ میں آیا کوئی کہاں کب کس کو مل سکی بھلا سیرت رسول کی
نورِ ازل کا سلسلہ پھیلا تو تا ابد بکھری ہے کائنات میں رحمت رسول کی
معراج کی وہ شب کہ تھی نبیوں کو بھی نصیب اللہ کے حضور امامت رسول کی
دونوں جہاں میں صرف وہی کامیاب ہے حاصل رہی ہو جس کو ہدایت رسول کی
دشمن یہودیوں کو بھی جن پر تھا اعتماد تھی ایسی بے مثال دیانت رسول کی
عرفانِؔ زندگی بھی میسر ہوا تو کیا؟
تحریر کر نہ پاؤں گا مدحت رسول کی
نعتِ رسولِ مقبول
احسان احمد شیخ (راولپنڈی)
وہ دُرِّ یتیمی آمنہ کا وہ لعل
حلیمہ کی بانہوں میں کھلتا وہ پھول
محمدؐ وہی ہے ہمارا رسول
وہ مکے کی مٹّی میں پیدل چلا
بادشاہت رہی جس کے قدموں کی دھُول
محمدؐ وہی ہے ہمارا رسول
لقب جب امین اور صادق ہوں جس کے
بنے کیوں نہ دونوں جہاں کا رسول
محمدؐ وہی ہے ہمارا رسول
چھَٹی جس کے آنے سے ظلمت کی رات
ہوا جب نبی پر وحی کا نزول
محمدؐ وہی ہے ہمارا رسول
وہ اللہ کا پیغام لے کر چلا
کیا چاند سورج کو بھی نہ قبول
محمدؐ وہی ہے ہمارا رسول
بدر کا وہ غازی وہ مکے کا فاتح
وہ ہارے خدا کو نہ یہ تھا قبول
محمدؐ وہی ہے ہمارا رسول
وہ خندق کے غزوے میں بھوکا رہا
نہ تھا جس کو مَنّی وسلوا قبول
محمدؐ وہی ہے ہمارا رسول
جس کو معلوم تھا اُس کے دیں کیلئے
خون بہائے گا اک دن وہ جانِ رسول
محمدؐ وہی ہے ہمارا رسول
نقشِ لاثانی
سید مشکور حسین یادؔ (لاہور)
زمانہ کو جوانی کی فراوانی میں لائے ہیں
ہم اپنی طبع کے سب طور طُغیانی میں لائے ہیں
کوئی صورت نہ بنتی تھی تمنّائے توانا کی
بجائے نقشِ ثانی نقشِ لاثانی میں لائے ہیں
بھلا دیکھیں تو حُجّت کس طرح پہلو بدلتی ہے
مقدمہ فوجداری عدلِ دیوانی میں لائے ہیں
ہمیں معلوم ہے نادان ہونا کس کو کہتے ہیں
بصد انداز دانائی کو نادانی میں لائے ہیں
اندھیروں میں بھٹکتے پھر رہے تھے بے خبر ہو کر
ہم اپنے آپ کو اب اپنی تابانی میں لائے ہیں
ابھی انساں نے اپنے غم کا لشکارا نہیں مارا
کہاں ہم درد کو اُس کی درخشانی میں لائے ہیں
ہمارے آئنوں کو یادؔ توڑے تو کوئی اُٹھ کر
ہم اپنے آئنوں کو حفظِ حیرانی میں لائے ہیں
٭٭٭
محمود الحسن (راولپنڈی)
یہ کرشمہ بھی تِرا نقشِ کفِ پا کر دے
ہم تھکے ماندوں کو ہمدوشِ ثُریا کر دے
ہے عجب تیرگیِ یا س سے دل کا عالم جلوہ اَفروز چراغِ رُخِ زیبا کر دے
لب تو وا لستہِ زنجیرِ اَنا ہیں لیکن
دِل یہ کہتا ہے کہ اظہارِ تمنا کر دے
وہ تو کہتے ہیں مرے دل کو کریں گے آباد کوئی اندازۂ ویرانیِ صحرا کر دے
کم نہیں شانِ گَدائی بھی اگر تُو اُس کو
رُو کشِ سَطوتِ ا سکندر و دارا کر دے
پھر دمِ گر یہ تصور ہے اُسی کا دل میں
جو مرے اشک کے ہر قطرہ کو دریا کر دے
میں شہنشاہی کا طالب تو نہیں ہوں یارب
تُو مُجھے حلقہ بگوشِ شہِ بطحاؐ کر دے
پھُوٹ نکلے گا یہیں چشمۂ حیواں محمودؔ اور زخمِ دلِ بیتاب کو گہرا کر دے
کرشن کمار طور (دھرم شالہ، بھارت)
بسے کہ اجڑے وہ بازار ہر طرف تو کیا اگر ہمیں رہیں سردار ہر طرف تو کیا
مزا تو تب ہے کہ جانیں وہ میرے دل کا حال
ہوئے ہیں جمع اگر یار ہر طرف تو کیا
ہماری آنکھ تک آئے کوئی تو لمحۂ لطف
محبتیں ہیں اگر ثمر بار ہر طرف تو کیا
یقیں بھی ہے تجھے وہ سرانا کے قابل ہیں
کلف سے اونچی ہے دستار ہر طرف تو کیا
ہے کوئی ایسا بھی دیکھے جو دیدۂ تر سے
بہت ہیں گنتی میں زر دار ہر طرف تو کیا
ہر ایک پہلو سے خم ہیں ہمارے سر بھی یہاں
جو سونت رکھی ہے تلوار ہر طرف تو کیا
اگر ہے دھوپ تو کچھ اپنے لوگ بھی ہیں طورؔ
نہیں ہے سایۂ دیوار ہر طرف تو کیا
امین راحت چغتائی (راولپنڈی)
زخمِ دل اُس سے کبھی یوں تو چھپایا بھی نہیں
بات کو ہم نے بہرحال بڑھایا بھی نہیں
بیل جھومر کی مہکتی رہی دروازے پر گھر سجاتے رہے ہم اور وہ آیا بھی نہیں
سرفرازی کی سعادت جسے بخشی تو نے
ہم نے اُس سر کو کسی طور جھکایا بھی نہیں
عمر بھر ہوتا رہا یوں بھی وفا کا اظہار
یاد جو آیا نہیں اُس کو بھلایا بھی نہیں
بات پھیلی ہے تو حیران ہوئے ہیں ہم بھی
جو سنا ہم نے کسی کو وہ سنایا بھی نہیں
وہ نظر بھر کے نہ دیکھے تو یہ اُس کی مرضی
آئینہ ہم نے مقابل سے ہٹایا بھی نہیں
کم شناسی رہی کچھ اُس کی بھی خُو میں یارو
اور سرِرا ہے کبھی ہم نے بلایا بھی نہیں
کتنا محتاط ہے وہ دیکھو تو اُس نے راحتؔ
ریت پر لکھ کے مرا نام مٹایا بھی نہیں
٭٭
جمیل یوسف (مری)
سفر میں ہوں نئے اسباب کی تلاش میں ہوں
نئے خیال نئے خواب کی تلاش میں ہوں
نکل پڑا ہوں کھُلے پانیوں پہ بے کھٹکے
میں اک جزیرۂ نایاب کی تلاش میں ہوں
جو ایک پَل میں ڈبو دے نظامِ کہنہ کو
میں ایسے حلقۂ گرداب کی تلاش میں ہوں
وہ جل بجھا تھا کہیں وقت کے الاؤ میں
میں ایک نجمِ سحر تاب کی تلاش میں ہوں
ہے کب سے دشتِ طلب کا غبار آنکھوں میں
ہوائے قریۂ شاداب کی تلاش میں ہوں
وہ جس کے نور سے روشن ہیں زیست کی راہیں
اُسی چراغِ جہاں تاب کی تلاش میں ہوں
حقیقتوں سے بہت تنگ آ چکا ہوں جمیلؔ کسی فریب کسی خواب کی تلاش میں ہوں
غلام مصطفی راہی (فتح پور، بھارت)
جو مجھ پہ بھاری ہوئی ایک رات اچھی طرح
تو پھر گزر بھی گئے سانحات اچھی طرح
تجھے بنایا گیا ہے جو اشرفِ المخلوق
سَمو کے ذات میں رکھ کائنات اچھی طرح
میں بار بار گرا گیا بلندی سے مجھے تو ہو گیا حاصل ثبات اچھی طرح
تو اپنے سینے سے مجھ کو یوں ہی لگائے رکھ
سمجھ لوں تاکہ ترے دل کی بات اچھی طرح
کتاب سا مرا چہرہ ہے سامنے تیرے بیان کر مری ذات و صفات اچھی طرح
کسی نے زہر ملا کر نہ دے دیا ہو تجھے
میں چکھ تو لوں ترے قند و نبات اچھی طرح
سُرور انبالوی (راولپنڈی)
دار پر تیرے جُنوں پر ور دہ لائے جائیں گے
اور پھر بے ساختہ آنسو بہائے جائیں گے
سنگ و تیشہ، مصر کا بازار اور دارورسن
اس طرح سے تا بہ کے ہم آزمائے جائیں گے
ہونٹ تو سی لیں گے ہم لیکن نہیں اس کا علاج
جو ستم ہم پر ہوئے ہیں کب بھلائے جائیں گے
رستے بستے گھر جو خود مسمار تُم نے کر دئے
اُن کی خاکستر سے پھر کُوچے بسائے جائیں گے
جن کی رعنائی پہ اُمڈیں گی ہمیشہ تتلیاں
پھُول ویرانے میں ایسے بھی کھلائے جائیں گے
بن کے جو فرعون ہم پر ہیں مُسلّط آج کل
ڈھونڈنے بھی نشاں اُن کے نہ پائے جائیں گے
آپ تو مُنصف ہیں کیجیے عدل یا نہ کیجیے
عدل کی زنجیر لیکن ہم ہلائے جائیں گے
زندگی کی رونقیں لیکر جو رُخصت ہو گیا
بام و در اُس کے تخیل سے سجائے جائیں گے
خونِ دل سے جو کئے روشن سُرور انبالوی
آندھیوں سے وہ دئے کیسے بجھائے جائیں گے
ولی عالم شاہین
(کینیڈا)
(ایسی باتوں سے وہ کافر بدگماں ہو جائے گا۔ غالب)
شور جلتی آگ کا تھم کر دھواں ہو جائے گا
دل، غریبِ شہر، آوارہ نشاں ہو جائے گا
اپنے کاندھوں پر زمین و آسماں ڈھوتا پھروں
گر پٹک دوں بوجھ بے بس یہ جہاں ہو جائے گا
بچ بچا کر اتنے سایوں سے گزرنا ہے کٹھن
چاہنے والوں کا لیکن امتحاں ہو جائے گا
جو بھی جس رستے سے آیا مل گئے سب موڑ پر
پھر بہم بچھڑا ہوا یہ کارواں ہو جائے گا
تیرگی میں جیسے نیزوں کی چمک کا اک خیال
ایک اک پل زندگی کا ارمغاں ہو جائے گا
آہٹوں میں وقت جیسے قید ہو کر رہ گیا
اب یہی پیمانۂ عمرِ رواں ہو جائے گا
سب ہے معمولِ جہاں اتنا تو جی ہلکا نہ کر
کون، کیوں، کب، کس طرح، کیا، اور کہاں، ہو جائے گا
جاں فزا ہیں اب بھی کتنے رات دن کے سلسلے
اور جو ہونا ہے اک دن ناگہاں ہو جائے گا
حسن تیرا اک کرشمہ ہے ریاضی کی طرح
حرفِ نامعلوم ہی مقسومِ جاں ہو جائے گا
درد کے دیوانہ پن سے گونجتا دشتِ خیال
دیکھنا اک دن حریفِ آسماں ہو جائے گا
شہر تو شاہینؔ آ کر ہی رہے گا گاؤں تک
رفتہ رفتہ مندمل زخمِ زیاں ہو جائے گا
غالب عرفان (کراچی)
گھر کی دیوار پہ پھیلا ہوا جالا دیکھوں!
لوٹ کر آؤں تو دروازے پہ تالا دیکھوں
کیا تجسّس ہے کہ صفحات میں ڈھونڈوں خود کو
پھر بھی ہر سطر میں تیرا ہی حوالہ دیکھوں
ایک تاریخ کے اوراق الٹتا جاؤں !
ایک تہذیب کا عُنصر تہہ و بالا دیکھوں
اپنی پہچان کی خاطر میں وہاں جاؤں اور
آئینہ خانے میں اک عکس نرالا دیکھوں
تیرے جلوے کے لئے عمر گزاروں لیکن دور سے چہرہ نما نور کا ہالا دیکھوں
گھٹ گئی ہے جو یہاں ذات کے پیراہن میں
شہرِ عرفاں ؔ میں وہی قدر دو بالا دیکھوں
٭٭٭
ڈاکٹر شباب للت ( نیو شملہ، بھارت)
عجب کیا ہم جو اُن سے مل کے حیرانی میں رہتے ہیں
وہ ہیں نقّاد پندارِ ہمہ دانی میں رہتے ہیں
وہ مومن یا الہٰی کب پریشانی میں رہتے ہیں
جو محو اکثر تیری حمد و ثنا خوانی میں رہتے ہیں
یہ کیا جانیں جو ان کے عہد میں ہم پر گزرتی ہے
یہ اربابِ سیاست جو تن آسانی میں رہتے ہیں
بھلا کیوں اُن پہ انعامات کی بارش نہیں ہو گی
تمہارے آستانے پر جو دربانی میں رہتے ہیں
سُنا ہے کوچۂ قاتل میں موسم ہے شہادت کا
بس اب کچھ دن ہی باقی میری قربانی میں رہتے ہیں
حسیں چہرے، ہوس انگیز نظریں، روپ کا جادو
حوالے اب بھی یہ اپنی غزل خوانی میں رہتے ہیں
تیرے ہی نام پر یہ مذہبی دنگے، یہ خونریزی
یہ فتنے کیوں خدایا خونِ انسانی میں رہتے ہیں
ہو نیک اعمال سے حاصل وصالِ ذاتِ لافانی
اسی مقصد سے ہم اس عالمِ فانی میں رہتے ہیں
بڑی خوش فہمیاں ہیں اپنے بارے میں حریفوں کو
چلو دیکھیں ذرا یہ لوگ کس پانی میں رہتے ہیں
ہمیں محفوظ رکھتی ہے شبابؔ اک لکشمن ریکھا
جہاں بھی جائیں ہم اس کی نگہبانی میں رہتے ہیں
٭٭٭
پروفیسر حسن عسکری کاظمی (لاہور)
دل بھر چکا ہے عشق سے یاروں کا ان دنوں
مت پوچھ حال رزق کے ماروں کا ان دنوں
ہر احتیاج دل کو جلاتی ہے صبح و شام
ہر شب شمار ہوتا ہے تاروں کا ان دنوں
وحشت فزوں ہے سرخیٔ اخبار دیکھ کر ہوتا ہے قتل روز ہزاروں کا ان دنوں
کرنا گلوں کا دامنِ خوش رنگ تار تار
صحنِ چمن میں کام ہے خاروں کا ان دنوں
ہر شخص کی جبیں پہ ہے تحریر بے رخی رخ اور سمت ہو چکا پیاروں کا ان دنوں
خالص رہا نہ جذبۂ ایثار کیا کہیں کب ہے وہ احترام اداروں کا ان دنوں
اب گلستان میں خاک سی اڑتی ہے ہر طرف
خیمہ کہاں ہے نصب بہاروں کا ان دنوں
مہندر پرتاپ چاند (انبالہ شہر، بھارت)
یہ کَیا کہ تُو نے سِتم سے بھی ہاتھ کھینچ لیا!
یہی تو رَبط تھا ہم میں، سو یہ بھی ختم ہوا!
رفیقِ زندگی اِس کا بچھڑ گیا ہو گا!
اُداس بیٹھا ہے پنچھی جو شاخ پر تنہا!
ہر ایک بات میں کچھ مصلحت بھی ہوتی ہے
بُرا بھی کیا ہے جو اَب تم نے ساتھ چھوڑ دیا؟
وہ بُوڑھا پیڑتھا پُرکھوں کی شفقتوں کا امیں
اُسی کو بیٹوں نے جڑ سے اُکھاڑ پھینک دیا!
پَرائی ہو گئیں اب اُس دیار کی گلیاں
گزرتے لمحوں کی آہٹ نے یہ پیام دیا
تَرس رہا ہوں میں پھر سے تِری توجہّ کو
بہت عزیز ہے مُجھ کو یہ خواہشِ بے جا
رہا نہ پھر وہ خلوص و تپاک رشتوں میں
جو ایک بار کسی پَر سے اعتبار اُٹھا
پَٹک رہی ہے سر اپنا پھر ایک ننھّی کلی
چُرا کے لے گیا خُوشبو جو مَن چلا بھَنورا
ہزار بار کیے تُو نے جھُوٹے قول و قرار
ہزار بار مگر ہم نے اعتبار کیا!
وہ رُوبُرو تھا مِرے یُوں تو چاندؔ ! تا بہ سحر
تمام رات مگر اُس کا انتظار رہا!
٭٭٭
تشنہ بریلوی (کراچی)
یہی سُرخی جو ہے تیرے لب و رُخسار میں جاناں
یہی رنگِ سخن بھر دے مرے اشعار میں جاناں
نرالی شان سے آؤں گا سب حیرت سے دیکھیں گے
لباسِ عشق پہنوں گا ترے دربار میں جاناں
مرے دل کی یہ کیفیت کھلے تم پر تو کیا کہنے !
تکلّف ہے ہمیں جذبات کے اظہار میں جاناں
یہ تاریکی گھٹے کیسے شبِ فُرقت کٹے کیسے
سحر تو سو گئی شاید ترے رُخسار میں جاناں
ہزاروں صورتیں دیکھیں، نہیں دیکھی تری صورت
ہماری عمر گزری حسرتِ دیدار میں جاناں
ہماری کوئی قیمت ہو نہ ہو کیا فرق پڑتا ہے
مگر ہم تو بِکیں گے مصر کے بازار میں جاناں
سُنی ہیں شب کے سنّاٹے میں ہم نے سِسکیاں اکثر!
ابھی زندہ ہے وہ شاید کسی دیوار میں جاناں
غزل گو اب تو بس دو چار ہی رہتے ہیں اُردو میں
گِنا جائے گا تشنہؔ بھی اِنہی دو چار میں جاناں
٭٭٭
احسان احمد شیخ (راولپنڈی)
ڈھونڈنے نکلے تھے چھاؤں مل گئے سائے بہت
نہ ملا انساں کوئی ہاں آدمی پائے بہت
تیرگی قسمت کی اور کچھ اپنے ہی اعمال کی
نہ اجالا ہو سکا گو آفتاب آئے بہت
تیری فُرقت میں گزارا ہر لمحہ کچھ اس طرح
چشمِ نم تو وا رہی پر دیکھ نہ پائے بہت
میرا ہی گھر کیوں لُٹا بستی اگر آباد ہے
مُسکراتے لوگ سمجھا نے مجھے آئے بہت
اُن سے ملنے کی تمنا بن گئی حسرت فقط
نہ ملے اُن سے مگر وہ خواب میں آئے بہت
لغزشوں نے ساتھ رہنے کی قسم کھائی ہے شیخؔ
دھوپ میں تنہا ہیں ہم پیچھے مگر سائے بہت
معراج جامی (کراچی)
خوشی کی ابتدا کوئی نہیں ہے غموں کی انتہا کوئی نہیں ہے
ہزاروں آئنہ خانے ہیں لیکن یہاں تو آئنہ کوئی نہیں ہے
سبھی الزام دیتے ہیں دئیے کو ہوا سے پوچھتا کوئی نہیں ہے
لبوں پر مسکراہٹ دیکھتے ہیں دلوں میں جھانکتا کوئی نہیں ہے
وہ میرے پاس ہی رہتا ہے پہروں اگرچہ رابطہ کوئی نہیں ہے
دعا کو ہاتھ تو پھیلے ہوئے ہیں مگر لب پر دعا کوئی نہیں ہے
بہت تعریف ہے سچ کی جہاں میں مگر سچ بولتا کوئی نہیں ہے
دلوں کے درمیاں کیوں فاصلے ہیں اگرچہ فاصلہ کوئی نہیں ہے
یہاں مظلوم پستے ہی رہیں گے کہ ظالم کی سزا کوئی نہیں ہے
ہمیں یہ غم مقدر سے ملے ہیں زمانے سے گلہ کوئی نہیں ہے
عجب شہر شناسائی ہے جامیؔ کسی کو جانتا کوئی نہیں ٭٭٭
پروین کمار اشکؔ (پٹھان کوٹ، بھارت)
کل وہ دریا یہیں تو بہتا تھا جس میں ہنسوں کا جوڑا رہتا تھا
زخم بادل کے رِستے رہتے تھے دیر تک خون گِرتا رہتا تھا
حسن بھی کھڑکی کھول دیتا تھا عشق بھی آتا جاتا رہتا تھا
اس کا گھر بھی تھا نیک بیوی تھی جانے کیوں ہوٹلوں میں رہتا تھا
پہلے اندر دعا بھی ہوتی تھی پہلے اندر خدا بھی رہتا تھا
چڑیا بے چاری دانہ کیا چُگتی!
چھت پہ اک باز بیٹھا رہتا تھا
رات کی سسکیاں نہ تھمتی تھیں چاند کچھ چاندنی سے کہتا تھا
آج مجھکو بڑا سیانا لگا اشکؔ اک بچّہ مجھ میں رہتا تھا
نقشبند قمر نقوی بھوپالی (ٹکساس، امریکہ)
یہ جھوٹوں کا زمانہ ہے، کوئی سچ بات مت کہنا
چنانچہ رات بیشک ہو، مگر تم رات مت کہنا
جرائم سے تمہارے کوئی پردہ خاک اٹھائے گا
نفی کرتے رہو سختی سے، تم اثبات مت کہنا
تمہیں کو حادثے کا سرغنہ سمجھے گی یہ دنیا
تم اپنی چشم دیدہ کی بھی تفصیلات مت کہنا
ضمیر اک ایسی دولت ہے کہ جو مشکل سے ملتی ہے
کسی کو اپنے منھ سے قبلۂ حاجات مت کہنا
یہی تو آج کل مجذوب ہونے کی علامت ہے
کہ حالِ غیب کہنا، امر مو جو دات مت کہنا
محبت کے تو خود اپنے عقائد ہیں قمر ؔنقوی
انھیں ہرگز کبھی مخملۂ جذبات مت کہنا
٭٭
حمیرا راحت (کراچی)
بھری کائنات میں قید ہوں میں حصارِ ذات میں قید ہوں
جسے کہہ کے بھول چکا ہے تُو اُسی ایک بات میں قید ہوں
تو نصاب کی طرح روبرو میں حوالہ جات میں قید ہوں
مری روح خاک پسند ہے میں نوادارت میں قید ہوں
میرا ہاتھ ہے کسی ہاتھ میں کسی اور ہاتھ میں قید ہوں
کہیں منتظر ہے خوشی مگر میں غمِ حیات میں قید ہوں
نئی صبح میری تلاش میں میں پرانی رات میں قید ہوں
پرتپال سنگھ بیتاب (جموں، کشمیر)
میرے خوابوں کو سمندر میں بہا دیتا ہے
اِ ک جزیرہ مجھے ہر روز دِکھا دیتا ہے
چاہتا جب بھی ہے وہ مجھ سے مخاطب ہونا
سامنے سے مِرے دُنیا کو ہٹا دیتا ہے
ایسا دریا ہے وہ ہونا ہُوں میں جب اُس کے قریب
بِن پئے ہی وہ مِری پیاس بُجھا دیتا ہے
آسمانوں میں دِکھا دیتا ہے جلوے کیا کیا
بادلوں میں مِری تصویر بنا دیتا ہے
کبھی کر دیتا ہے سنگین گناہ میرے معاف
کبھی نا کردہ گُنا ہوں کی سزا دیتا ہے
ایک مُدّت سے اُسے ڈھونڈ رہا ہوں باہر
وہ جو اکثر مُجھے اندر سے صدا دیتا ہے
اپنی موجوں میں بہا لیتا ہے مجھ کو اکثر
ڈوب جاؤں تو کِنارے بھی لگا دیتا ہے
سفرِ وادیِ اسرار میں اکثر بیتابؔ
میں بھٹک جاتا ہوں وہ راہ دِکھا دیتا ہے
٭٭٭
عظمیٰ صدیقی (لندن)
اِک موجِ سخن لایا خیالات کا دریا الفاظ میں بہتے ہوئے جذبات کا دریا
اک شورشِ پیہم میں گرفتار ہے دل بھی اندوہِ فراواں ہے سیہ رات کا دریا
درپیش مجھے ایسے سمندر کا سفر ہے جس میں مجھے لایا ہے یہ حالات کاد ریا
بیتے ہوئے لمحوں کی ہوں تصویر شکستہ آئینۂ شوریدہ، مری ذات کا دریا
شعلوں میں لپٹتی ہوئی پر ہول فضائیں سیلابِ بلا لایا ہے آفات کا دریا
عظمیٰ ؔ میری تہذیب کی پہچان یہی ہے مضبوط حوالہ ہے روایات کا دریا ٭٭
آخری پڑاؤ
جیتندر بلّو (لندن )
ڈھلتی عمر میں رام مورتی کے ساتھ نیند کا رشتہ ٹوٹ رہا تھا۔ اُسے نیند کبھی چار گھنٹوں کی ملا کرتی اور کبھی مشکل سے پانچ۔ یہ اُس کے ساتھ روز کا قصّہ تھا۔ معاً اُس کی آنکھ کھل گئی تھی۔ ہر سو اندھیرا تھا اور گہرا سناٹا۔ شدید سردی کے کارن اندھیرا اپنے گاڑھے پن کا احساس دِلا رہا تھا۔ جانے وہ رات کا کون سا پہر تھا کہنا مشکل ہے۔ گو کہ برقی لیمپ سرہانے دھرا تھا۔ اُسے جلا کر میز پر رکھی گھڑی سے وقت دیکھا جا سکتا تھا مگر لیمپ جلانے کو اُس کا من ہی نہ مانا۔ البتہ اس کے باطن میں دُکھ جھیلتے ہوئے مریض نے اتنا ضرور کہا کہ کیا دن اور کیا رات؟ دونوں یکساں اُس کی نظر میں اپنی اہمیت کھو چکے ہیں۔ وہ گھنٹوں بستر پر پڑا کوئی کتاب یا اخبار اُٹھا کر پڑھتا رہتا یا پھر خالی خولی نظروں سے چھت کو تکتا سوچاکرتا کہ عمر کے آخری پڑاؤ میں انسانی زندگی میں بیماریاں کیوں دبے پاؤں چلی آتی ہیں ؟ اور وہ تا دمِ آخر مریض کے ساتھ ہی کیوں رہا کرتی ہیں ؟ مگر کوئی معقول جواب نہ پا کر اُس کی سوچ سوالیہ نشان بن کر رہ جاتی۔
وہ جن دِنوں برسرِ روزگار تھا اور لندن ٹرانسپورٹ میں ملازم تھا فشارِ خون (B.P) نے اُسے آن گھیرا تھا۔ پھر خوش خوراک اور قدرے مے نوش ہونے کے کارن ذیابیطس (DIABETES) نے اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیا تھا۔ ابھی چند برس بھی نہ بیتے تھے کہ نقرس (Gout) نے اُسے تنگ کرنا شروع کر دیا تھا۔ پاؤں سُوج کر سُرخ ہو جاتے اور درد دھیرے دھیرے بڑھنے لگتا۔ انجام کار گٹھیا (OSTEOARTHERITIS) نے اُس کے بدن میں اُتر کر اپنا گھر بنا لیا تھا۔ اُنہوں نے مل کر اُس کے شریر سے ماس بھی چرانا شروع کر دیا تھا۔ وہ اکیلے میں سوچاکرتا کہ اِتنی ساری بیماریاں آدمی کو کیوں کر گھیر لیتی ہیں ؟ اُن سے رہائی پانے کا کوئی وسیلہ تو ضرور رہا ہو گا؟ پھر کہیں سے اُڑتا ہوا ایک خیال اُسے خود میں دبوچ لیتا کہ سوئیزر لینڈ کے شہر زیورک میں یوتھانیزیا (EUTHANASIA) کا ایک ادارہ ڈگنی ٹس (DIGINTAS) کے نام سے قانونی طور پر قائم ہے۔ جہاں مریض کا رُکن بن جانے پر ڈاکٹر کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ اور کاغذی کار روائی مکمل ہونے پر اُسے ایک انجکشن دن رات کے کربناک امراض سے نجات دلا دیتا ہے اور وہ شخص مسکراتا ہوا اپنے مالکِ حقیقی سے جا ملتا ہے۔ پھر یہ خیال بھی اُسے تقویت دیا کرتا کہ وہ موت کتنی حسین ہو گی؟ محض ایک انجکشن اور معاملہ ختم اور مریض مکمل آزاد۔۔۔۔ ورنہ وہ ایڑیاں رگڑ رگڑ کر اور دوسروں کو تکلیف پہنچا کر ہی دم توڑتا ہے۔
بارہا وہ اپنے گھر کے لاؤنج میں بیٹھا سوچاکر تا کہ اُس نے بچپن، جوانی اور ادھیڑ عمر میں کسی بھی شخص کو دھوکہ نہیں دیا، کوئی دکھ نہیں پہنچایا، کسی کی حق تلفی نہیں کی، کسی کا پیسہ نہیں مارا، بے ایمانی نہیں کی؟ پھر اتنی ساری بیماریوں نے اُسے کیوں گھیر رکھا ہے ؟ کیا یہ پچھلے جنم کے کرم سنسکا رہیں ؟ ممکن ہے وہ اُن کا پالن ٹھیک طرح سے نہ کر پایا ہو، جن کی سزا اُسے اِس جنم میں مل رہی ہے۔ وہ جانتا تھا کہ اُس کی باڈی کیمسٹری بدل چکی ہے۔ قوتِ مدافعت بھی قریب قریب جواب دے چکی ہے۔ حالانکہ اُس کی عمر اتنی زیادہ نہیں ہے کہ وہ نیم مردہ بنا دن رات سانس لیتا پھرے۔ دوبرس پہلے وہ ستّر کا ہوا تھا۔ اُسے اکثر خیال آتا کہ اُس سے بڑی عمر کے بے شمار لوگ پارکوں میں، ہائی اسٹریٹ میں اور شاپنگ مال میں گھومتے نظر آتے ہیں۔ اُن میں سے بعض تو چھڑی کا سہارا بھی نہیں لیتے۔ ہشاش بشاش چلتے پھرتے ہیں۔ مگر اُسے قدم بڑھانے میں دو دو چھڑیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔۔۔۔ اچانک کہیں سے وہ سرد شام اُڑ کر اُس کے سامنے آن کھڑی ہوئی تھی جب اُسے اگلے روز اپنی عمرِ عزیز کے ساٹھویں برس کو چھونا تھا۔ وہ دفتر سے لوٹا تھا۔ تھکا ماندہ۔ دِن بھر کمپیوٹر پر اپنا سر کھپا کر دماغ کا گودا خشک کر چکا تھا۔ مگر گھر میں پاؤں رکھتے ہی اُس کی ذہنی کیفیت بدل کر رہ گئی تھی۔ گھر میں موجود ہر شے سے اُسے اُنسیت تھی اور اپنا پن بھی تھا۔ کمرے میں داخل ہو کر اُس نے چرمی بیگ صوفے پر پھینکا۔کوٹ اُتار کر بستر پر پھیلایا۔ اتنے میں اُس کی بہو دیویانیؔ کندھے پر اپنا دوسرا شیر خوار بچہ رکھے داخل ہوئی۔ پہلے تو اُ س نے اپنے سُسر کو آنے والی سالگرہ کی بدھائی دی، پھر بولی:
’’پاپا۔ کل آپ ساٹھے پاٹھے ہو جائیں گے۔‘‘
وہ دیر تک ہنستے رہے۔ پھر رام مورتی نے ببلوؔ کو پیار سے دیکھا اور اپنے ماضی میں جھانک کر کہا: ’’اکتیس برس ہو گئے ہیں اس دیش میں آئے ہوئے۔۔۔۔ تیرا گھر والا میرے کندھے پر تھا، جب ہم انڈیا سے لندن آئے تھے۔۔۔۔ مگر جب سے تُو اس گھر میں آئی ہے، تو نے اور سُریش نے مل کر میری ہر سالگرہ دھوم دھام سے منائی ہے۔ اُس سمے میرا سر آکاش کو چھو جاتا ہے۔‘‘
دیویانی خوش ہو گئی تھی۔ مگر اُس کا بسورتا بچہ ’’اوں ہاں ‘‘ کرتا دودھ کا طلب گار تھا۔ اس نے رونا بھی شروع کر دیا تھا۔ دیویانی اُسے اپنے سُسر کے حوالے کر کے اُس کے واسطے دودھ اور سُسر کے لئے چائے بنانے کچن میں چل دی تھی۔ گول مول ببلو کو دادا کے ہاتھ زیادہ پسند نہیں آئے تھے۔ اُس نے اُونچے سُروں میں رونا شروع کر دیا تھا۔ دادا نے اُسے چپ کراتے ہوئے اپنے مکان پر ایک اُچٹتی سی نگاہ ڈالی۔ ایک پل ببلو کو دیکھا۔ پھر سوچا کہ اُسے سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہونے میں ابھی پانچ سال کا وقفہ ہے۔ کیوں نا اس مکان کو فروخت کر کے نیا بڑا مکان خریدا جائے ؟ جہاں اُس کے پوتے / پوتی کو کھیلنے کودنے اور عقبی باغیچے میں دوڑنے کی مکمل آزادی ہو۔ منع کرنے پر بھی وہ کوئی کیاری روند ڈالیں، کوئی پھول توڑ ڈالیں۔ مگر وہ بذاتِ خود ذرا بھی نہ بُرا مانے۔ بلکہ خوش ہو کر بلّے بلّے کرتا ببلو اور اُس کی بہن ڈالیؔ کا بھی منہ چوم لے۔ ایسا سوچتے سوچتے اُس نے ببلو کا منہ چوم لیا۔ مگر اُس کا رونا کسی بھی طور کم نہ ہوا۔
اِدھر رام مورتی نے بڑے چاؤ سے نیا مکان خریدا، اُدھر ایک کے بعد دوسرا مرض موڑ پر کھڑا اُس کے انتظار میں تھا۔ چند ہی برسوں میں اُنہوں نے اُسے کہیں کا نہ چھوڑا تھا۔ جانتا تھا کہ انسان کے بدن کی مشین ایک بار بگڑ جائے تو پھر بگڑتی ہی چلی جاتی ہے۔ مگر وہ بھی سخت جان تھا۔ کھتری پُتر تھا۔ ڈٹ کر مقابلہ کرنا اُس کا دھرم بھی تھا اور کرتویہ بھی۔ مگر شریر تو بوڑھا ہوا جا رہا تھا۔ ذیابیطس اُسے دیمک کی طرح چاٹ رہی تھی۔ عمارت ڈھے رہی تھی۔ صبح شام کے انجکشن اپنا رنگ دکھا کر عمارت کو گرنے سے ضرور بچا رہے تھے مگر آرتھراٹیس کے حملوں نے رہی سہی کسر پوری کر ڈالی تھی۔ درد بے پنا ہوا کرتا۔ مگر اُس کی مضبوط قوتِ ارادی نے اُسے سنبھال رکھا تھا۔ مگر کب تلک؟ وہ اندر سے ٹوٹ رہا تھا، بکھر رہا تھا۔ گھر سے باہر قدم رکھنا اُس کے واسطے دشوار ہو رہا تھا۔ چاردیواری ہی اُس کی کُل کائنات بنتی جا رہی تھی۔ یہ المیہ اُس کی آنکھوں کو نم کر دیا کرتا۔
ایک نصف شب کو اُس کے پاؤں کے بڑھتے ہوئے درد نے اُس کی نیند اچاٹ کر رکھی تھی۔ نقِرس کا حملہ تھا۔ سوجن کے ساتھ درد بھی اتنا زیادہ تھا کہ خود پہ جبر کرتے ہوئے بھی وہ ’’اے ماں۔۔۔۔ اے بھگوان۔۔۔۔ اے رام جی‘‘ کو یاد کرتا ہوا دیر تک اُس کا الاپ جاری رہا۔ کربناک آواز کا اُتار چڑھاؤ بھی اپنی جگہ قائم تھا۔ کچھ دیر میں اچانک کمرے کا دروازہ کھلا۔ بتی جلی۔ بیٹے کی آواز سنائی دی:
’’پاپا۔درد بہت ہے ؟۔۔۔۔ PAIN KILLER دے دوں ؟‘‘
’’نہیں سُریش۔۔۔۔ گولی کچھ دیر اپنا اثر ضرور کرتی ہے۔۔۔۔ پھر درد شروع ہو جاتا ہے۔۔۔۔ گاؤٹ، ڈائی بٹیز، بلڈ پریشر اور آرتھراٹیس نے میرے شریر میں اپنی جڑیں مضبوط کر لی ہیں۔۔۔۔ اب اُن سے نجات ممکن نہیں۔۔۔۔ صبح آرتھراٹیس نے بھی تنگ کیا تھا۔۔۔۔ اب اُنگلیاں اکٹر جاتی ہیں اور ہاتھ مڑنے لگتے ہیں۔‘‘
’’شام میں آپ نے بتایا کیوں نہیں ؟‘‘
’’کیا بتاتا۔۔۔۔ تم تھکے ٹوٹے دفتر سے آتے ہو۔۔۔۔ بتا کر تُم کو پریشان ہی کرتا۔‘‘
’’میں کل ہی ہارلے اسٹریٹ *کے کسی چوٹی کے آسٹیوپیتھ سے وقت لیتا ہوں۔‘‘
’’نہیں بیٹے نہیں۔۔۔۔ تُو تو پگلا ہے۔۔۔۔ تیرے دادا کو بھی یہی مرض تھا۔۔۔۔ وہ تو چلنے پھرنے سے بھی رہ گئے تھے۔ مجھ کو اُن سے کچھ تو ملنا ہی تھا۔۔۔۔ جینز (GENES) چھ سات نسلوں تک اپنا رنگ دکھایا کرتی ہیں۔۔۔۔ اب گِلا کیسا؟۔۔۔۔ یہ مرض تو اب بڑھتا ہی رہے گا۔ تو میرا ایک کام کر۔ مجھ کو زیورک لے چل۔۔۔۔ یہ میری آخری اِچھا ہے۔ اب اور دُکھ درد برداشت نہیں ہوتا۔‘‘
سُریش خاموش رہا۔
’’چُپ مت رہ۔۔۔۔ کچھ تو بول۔۔۔۔ زیورک جاؤں گا تو سب کی پریشانیاں دُور ہو جائیں گی۔‘‘
’’پاپا۔ یہ اتنا آسان نہیں، جتنا آپ سمجھ رہے ہو۔۔۔۔ قانون مجھ کو اپنی پکڑ میں لے سکتا ہے۔ مجھے چودہ برس تک کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ یہاں کا قانون اجازت نہیں دیتا کہ کوئی شخص مریض کو بیرون ملک لے جائے اور خود کشی کرنے میں اُس کی مدد کرے۔‘‘
’’ہاں ہاں۔۔۔۔ جان۔۔۔تا ہوں۔۔۔۔ پھر کبھی بات کریں گے۔ جا۔۔۔۔ تُو سو جا۔۔۔۔ صبح تجھ کو کام پر بھی جانا ہے۔‘‘
مگر سُریش بت بنا دیر تک وہیں کھڑا رہا۔ وہ باپ کو کراہتا دیکھ کر سخت پریشان تھا۔ اندر ہی اندر روئے بھی جا رہا تھا۔ اُس نے زبردستی باپ کو نیند آور گولی کھلائی۔ پانی پلایا۔ بستر پر لٹا کر بتی گُل کی۔ لیکن کمرہ چھوڑنے سے پہلے گولیوں کی شیشی جیب میں ڈال لی اور دروازے کی طرف بڑھ گیا۔ پھر لینڈنگ سے ہوتا ہوا اپنے کمرے کو چل دیا۔ مگر باپ کا کراہنا اُس کے کانوں سے الگ نہ ہو پایا۔ اُس کی آنکھیں باپ کی محبت اور احترام میں گیلی ہو گئی تھیں۔
ویک اینڈ کا آغاز تھا۔ گھر کے سبھی افراد دیر سے بیدار ہوا کرتے تھے۔ مکان کی پہلی منزل پر تین کمرے تھے۔ دو کمرے بچوں کے پاس تھے۔ ڈالی چودہ برس کی ہو چکی تھی اور ببلو بارہ کا۔ تیسرا بڑا کمرہ بہو بیٹے کے پاس تھا۔ نیچے لاؤنج کے ساتھ ڈائننگ روم کے برابر باتھ/ ٹائلیٹ سے جڑا ہوا کمرہ رام مورتی کھنہ کا تھا۔ اپنا نام لے کر اور خود کو یاد کر کے اُس کا چہرہ فخر سے کھِل اُٹھا تھا۔اُس کی پیدائش بٹوارے سے پہلے انگریزوں کے زمانے کی تھی۔ اُن دنوں جیمنیؔ سرکس میں ایک نہایت طاقت ور شخص رام ؔ مورتی کے نام سے ہوا کرتا تھا۔ وہ اپنے بدن کے گرد موٹے موٹے رسے باندھ کر بھاری ٹرک اور موٹریں کھینچا کر تا تھا۔ انگریزوں نے اُسے انعام اور سند سے بھی نوازا تھا۔ ذہن کو جھٹک کر اُس نے اپنے بارے میں سوچا کہ اُس کی ماں بتاتی تھی کہ جب وہ پیدا ہوا تھا تو اُس کا وزن دس پاؤنڈ آٹھ اونس تھا۔ اُس گولو مولو بچے کے بارے میں اُس کے والد ماجد کا خیال تھا کہ اُس کا بیٹا بڑا ہو کر یقیناً رام مورتی پہلوان کی طرح طاقت ور بنے گا۔ مگر اب اُسے اپنے بے جان اور ہڈیالے بدن پر نظر ڈال کر ہر بات جھوٹی لگا کرتی اور والد ماجد کا خیال بھی محض ایک بھیانک مذاق۔
کھانے کی میز پر پورا کنبہ بیٹھا ناشتہ کر رہا تھا۔ دِنوں بعد صاف آسمان دِکھنے میں آیا تھا۔ باہر لان پر میٹھی دھوپ بھی پھیلی ہوئی تھی۔ اُس کے من نے چاہا کہ وہ دھوپ میں بیٹھ کر ناشتہ کرے۔ مگر موسم گلابی جاڑے کا تھا اور ہوا بھی قدرے سرد تھی۔ لہذا اُس کی خواہش دل میں ہی رہ گئی تھی۔ اُس کا پوتا اور پوتی اُس کے سامنے بیٹھے ناشتہ کر رہے تھے۔ وہ عموماً ویک اینڈ پر ہی اُن کو آنکھ بھر کر دیکھا کرتا تھا اور اُس کے چہرے پر رونق آ جایا کرتی تھی۔ وہ اپنے پلیٹ کو کم، پوتے / پوتی کو زیادہ دیکھ رہا تھا۔ ورنہ بچے اُس کے کمرے کے آگے سے چپکے سے گزر کر اپنے اپنے کمرے کی طرف بڑھ جایا کرتے تھے۔ ایک بار اُن کے باپ نے انہیں ڈانٹ بھی پلائی تھی کہ وہ گھر میں ا سکول سے آتے جاتے گرینڈ پا سے بات کیوں نہیں کرتے ؟ اُن کا حال احوال کیوں نہیں پوچھتے ؟ لیکن ڈالی نے اپنی صفائی میں جو جواب اپنے ڈیڈ کو دیا تھا اُس نے رام مورتی کی سوچ کے زاویئے ہی بدل ڈالے تھے۔ اُس سمے وہ اپنے کمرے کی دہلیز پر کھڑا تھا۔
’’ڈیڈ۔ میں چھوٹی تھی تو گرینڈ پا کتنے ہینڈ سم تھے، کتنے اسمارٹ تھے۔ میں کبھی نہیں بھولتی۔۔۔۔ مگر اب اُن کو دیکھ کر ڈر جاتی ہوں۔۔۔۔ ببلو تو اُن کو فرینکن اسٹائن بھی کہتا ہے۔‘‘
’’شٹ اپ۔ یواسٹوپڈ۔۔۔۔ وہ تمہارے گرینڈ پا ہیں۔ اُن کا نام عزت سے لیا کرو۔‘‘
ڈالی کا چہرہ اُتر گیا تھا۔ لیکن رام مورتی نے اُس کی بات کا بُرا نہیں مانا تھا۔ بچے تو حساس ہوا ہی کرتے ہیں۔ بھیانک روپ کو دیکھ کر ڈر جاتے ہیں۔ اپنوں سے بھی دُور دُور رہتے ہیں۔ اُسے خیال آیا کہ جب تک بیماریوں نے اُسے گھیرا نہیں تھا۔ ڈالی اور ببلو اکثر اُس کے کمرے میں اودھم مچایا کرتے تھے۔ ا سکول کا ہوم ورک بھی وہاں بیٹھ کر کیا کرتے تھے۔ پارک میں اُس کے ساتھ گھومنے بھی جایا کرتے تھے۔ وہاں آئس کریم بھی کھایا کرتے تھے۔ مگر اب وہ دھیرے دھیرے بے گانے ہوئے جا رہے تھے۔ بیماریوں نے اُس کا فطری حسن اور چہرے کی تازگی کیا چھینی، گہری لکیروں نے اُس کے چہرے پر مستقل ڈیرا ڈال لیا تھا۔آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے بھی پھیل گئے تھے۔ رُخساروں کی ہڈیاں اُبھرتے ہی گال اندر کو دھنس گئے تھے۔ ہونٹوں کے دونوں طرف اور ٹھوڑی کے نیچے ابھرے ہوئے ماس سے اُس کی شکل اتنی بگڑ گئی تھی کہ کوئی بھی اُسے دیکھ کر محسوس کرتا کہ ایک بوڑھا بدصورت شخص اُس کے سامنے کھڑا ہے اور وہ چراغِ سحر بجھا جاتا ہے۔ آئینے میں وہ اپنا بدلا ہوا چہرہ دیکھ کر خود بھی بعض دفعہ ڈر جایا کرتا تھا۔ بارہا اُسے خیال آتا کہ کیا وہ وہی شخص ہے جسے یونیورسٹی کے دِنوں میں اور شادی کے بعد بھی جوان لڑکیاں پلٹ پلٹ کر دیکھا کرتی تھیں۔ مگر وہ خود میں مست اور جوانی کے نشے میں سرشار اُنہیں نظر انداز کر دیا کرتا تھا۔ کہیں اُن کی بددعا تو اُسے لگ کر نہیں رہ گئی؟
’’پاپا۔ آپ کچھ کھا نہیں رہے ؟‘‘
بیٹے کی آواز نے اُس کی سوچ کا تسلسل توڑ ڈالا تھا۔ وہ ماضی سے نکل کر حال میں آ گیا تھا۔ اُس نے افسوس سے کہا:
’’کیا کھاؤں بیٹے۔۔۔۔ کھانے پینے کے مزے تو اب جا تے رہے۔۔۔۔ تیری ماں جیوت تھی تو اُس کے ہاتھوں کا پکا ہوا ہر پکوان میں چٹ کر جایا کرتا تھا۔۔۔۔ ویسے بہو بھی پکوان مزے کے بناتی ہے۔ پر اب کھانے کو من ساتھ نہیں دیتا۔۔۔۔ گولیاں کھا کھا کر سب اندر سے مرتا جا رہا ہے۔ بھوک کم لگتی ہے۔‘‘
بیٹا سنجیدہ تھا۔ باپ کی گرتی ہوئی صحت کو دیکھ کر وہ مُدت سے فکر مند تھا۔ لیکن باپ کی محبت میں وہ کوئی بھی ایسا قدم اُٹھانا نہیں چاہتا تھا کہ اُس کی اپنی فیملی کو کوئی نقصان پہنچے۔ اُسے اپنے بیوی بچے بہت عزیز تھے۔ دیویانی نے اصرار کیا:
’’پاپا۔ آپ کچھ کھائیں گے نہیں تو اور کمزور پڑ جائیں گے ؟‘‘
رام مورتی نے با دلِ نخواستہ ڈبل روٹی کا ایک سلائس اُٹھا کر آملیٹ کا ٹکڑا اُس پر رکھا اور آہستہ آہستہ اُسے چبانے لگا۔ مگر وہ چبانے کے عمل کے دوران بھی بیٹے کو برابر دیکھے جا رہا تھا۔ آخر بولا ’’سرجو بیٹے ‘‘۔ سُریش اپنے بچپن کا گھریلو نام سُن کر چونک اٹھا تھا۔ سالوں بعد اُس کے باپ نے اُسے اس نام سے پکارا تھا۔ اُس نے نہایت چاؤ سے اپنے باپ کو دیکھا۔ محبت اور احترام سے اُس کا چہرہ بھر گیا تھا۔ اُس نے خود کو اپنے بچپن میں دوڑتا ہوا پایا، جب اُس کے ماتا پتا اُسے ’’سرجو سرجو‘‘ پکارتے تھکا نہیں کرتے تھے۔ وہ اُن کی اکلوتی اولاد تھا اور آنکھوں کا تارا بھی۔
’’جب کبھی میں نے تجھ کو زیورکؔ لے جانے کو کہا، تو خاموش رہا یا ٹال کر اِدھر اُدھر کی بات شروع کر دی۔۔۔۔ جانتا ہوں تو باپ کو مرتا نہیں دیکھ سکتا اور نہ ہی اُس کی موت چاہتا ہے۔‘‘ پھر وہ گہری سوچ میں ڈوبا بیٹے کو ٹکٹکی باندھے دیکھتا رہا، دیکھتا رہا۔ جب اُسے مکمل یقین ہو گیا کہ اُس کا بیٹا اُس کی موت کے سلسلے میں اُس کی کوئی مدد نہیں کرے گا تو اُس کی آنکھیں خود بخود بند ہو گئیں اور گردن سینے کی طرف ڈھلک گئی۔ میاں بیوی گھبرا گئے۔ سُریش نے چھوٹتے ہی کہا: ’’پا پا۔پاپا۔ آپ ٹھیک تو ہیں ناں ؟‘‘
رام مورتی نے آنکھیں کھول ڈالیں اور بیٹے کو سنجیدگی سے دیکھ کر کہا۔ ’’میں جانتا ہوں یہ کام تیرے واسطے بہت مشکل ہے۔۔۔۔ مجھ کو ہی کچھ کرنا ہو گا۔‘‘
’’لیکن پاپا۔‘‘ دیویانی نے فوراً مداخلت کی: ’’جیون تو بھگوان دیتا ہے۔ وہی واپس بھی لیتا ہے۔۔۔۔ ہم اپنی مرضی سے اپنا جیون ختم کرنے والے کون ہوتے ہیں ؟‘‘
’’تم ٹھیک کہتی ہو بہو۔۔۔۔ میں ان باتوں کو خوب سمجھتا ہوں۔۔۔۔ پر کیا کروں۔
جس تن لاگے، وہ تن جانے
کون جانے پیڑ (درد) پرائی
بچے اُن کی گفتگو سے خوش نہ تھے۔ حد درجہ بور ہو چکے تھے۔ اُٹھ کر لاؤنج کی طرف بڑھ گئے۔ وہاں ٹیلی ویژن جاری تھا۔ دیویانی نے بات آگے بڑھائی:
’’ہم آپ کے دُکھ درد کو خوب سمجھتے ہیں۔۔۔۔ مگر ہم مجبور ہیں۔ آپ کا دُکھ درد بانٹ نہیں سکتے۔‘‘
’’مگر چھٹکارا تو دلا سکتے ہو؟‘‘
میاں بیوی نے چونک کر ایک دوسرے کو دیکھا۔ پھر اُن کی گردن اپنی اپنی پلیٹ پر جھک گئی۔ مگر سُریش اپنی پلیٹ کو آگے کھسکا کر کھڑا ہو گیا اور سنجیدگی سے ’’ایکسکیوزمی‘‘ کہہ کر لاؤنج کی طرف بڑھ گیا۔ دیویانی اپنے شوہر کو جاتا دیکھ کر از حد پریشان تھی۔ مگر اُس نے اپنا نقطہ نظر برقرار رکھا: ’’آپ پریوار میں سب سے بڑے ہیں۔ اگر آپ چلے گئے تو گھر کی ساری ذمہ داریاں، سارا بوجھ آپ کے بیٹے پر آ جائے گا۔‘‘
یہ کہہ کر اُس نے میز سے پلیٹیں اتنی تیزی سے سمیٹنا شروع کر دیں کہ رام مورتی حیران رہ گیا۔ دیویانی بولی:
’’اب تو میں بھی جاب (JOB) نہیں کرتی۔ نہیں تو سُریش کا ہاتھ بٹاتی اور ہم کو کوئی تکلیف نہ رہتی۔‘‘
وہ ناراض تھی۔ چہرہ بھی غصے سے بھر گیا تھا۔ لیکن رام مورتی سمجھ نہیں پا رہا تھا کہ دیویانی کو اُس کے مرنے پر کیا اعتراض ہو سکتا ہے ؟ زندگی تو اُس کی ہے، دیویانی کی نہیں ؟ وہ خود اپنی مرضی سے مرنا چاہتا ہے۔ گھر کا ہر فرد اُس کے بڑھاپے اور بیماریوں سے پریشان ہے۔ اُس کے چلے جانے میں ہی سب کی بہتری پوشیدہ ہے۔ وہ اس تناظر میں سوچ ہی رہا تھا کہ بہو کا موقف اور اُس کے ادا کردہ جملے اُس کے کانوں میں گونج کر خود کو دہرانے لگے۔ اُن میں پوشیدہ کئی معنی اُس کی سمجھ میں آنے لگے۔ مکان کی ماہانہ قسط (مورگیج) وہ ادا کر رہا تھا۔ لندن ٹرانسپورٹ کی پنشن اور سرکاری پنشن ہر ماہ پابندی سے اُس کے بینک میں جمع ہو رہی تھیں۔ گھر کے کئی چھوٹے موٹے بل بھی وہ چکا دیا کرتا تھا۔ ڈالی کی پبلک ا سکول کی فیس بھی وہ ادا کر رہا تھا۔ ظاہر ہے کہ اُس کے چلے جانے سے گھر کے اخراجات کا توازن واقعی بگڑ کر رہ جائے گا؟ سُریش مالی پریشانیوں کا شکار ہو جائے گا؟ یہی سوچتے سوچتے اُسے اپنا بھی خیال آیا کہ اُس کا مسلسل دُکھ، جان لیوا کرب، بے خواب راتیں ؟ اُن سب کا کیا ہو گا؟ وہ کس کھاتے میں درج ہوں گے ؟ جب اُسے کوئی جواب نہ ملا تو اُس نے ایک لمبا سانس بھر کر باہر کو چھوڑا اور اس نتیجے پر پہنچا کہ وہ تو وہ اپنی مرضی سے مر سکتا ہے اور نہ ہی جی سکتا ہے ؟ آخر وہ کیا کرے ؟ کس سے فریاد کرے ؟ کہاں جائے ؟
رام مورتی کا ڈاکٹر (جی پی) ذات کا ا سکاٹ تھا۔ تجربہ کار روشن دماغ اور اپنے ہنر میں یکتا۔ علاقے میں اُس کی ساکھ ایک ہمدرد انسان دوست کی تھی۔ وہ رام مورتی کی پوری داستان سُن کر اور اس کی ASSISTED SUICIDE کی خواہش جان کر اپنی انگشتِ شہادت دانتوں میں داب بیٹھا۔ اور اُسے ششدر دیکھنے لگا۔ گویا وہ کسی دوسرے سیارے کی مخلوق ہو۔ سنبھلا تو بولا: ’’کمال ہے۔ تم پہلے مریض ہو جو اپنی موت خود مرنا چاہتا ہے۔ ورنہ میرے پاس وہ مریض بھی آتے ہیں جو مرنے کے قریب قریب ہوتے ہیں مگر وہ دیر عمر تک زندہ رہنا چاہتے ہیں۔۔۔۔ واقعی وہ زندگی سے محبت کرتے ہیں۔‘‘
’’لیکن ڈاکٹر۔۔۔۔ مجھ میں زندہ رہنے کی تڑپ ختم ہو چکی ہے۔۔۔۔ میں دن رات دُکھ درد کو سہتے سہتے تھک چکا ہوں۔۔۔۔ زندگی میرے واسطے اب مسلسل عذاب سے کم نہیں۔۔۔۔ جتنی جلدی چلا جاؤں، اُتنا اچھا ہے۔۔۔۔ اب میں صحت یاب ہونے سے تو رہا؟‘‘
ڈاکٹر اُسے گہری نظروں سے دیکھتا گہری سوچ میں گم تھا۔ آزاد ہوا تو بولا:
’’مسٹر کھنہ۔۔۔۔ میں پیشہ ور ڈاکٹر ہوں۔۔۔۔ میرا کام مریضوں کا علاج کرنا ہے۔۔۔۔ اُن کے ہر مرض کو دور کرنا ہے۔۔۔۔ اُن کو موت کے مونہہ میں دھکیلنا نہیں ؟‘‘
’’مانتا ہوں اور اس بات کو سمجھتا بھی ہوں۔۔۔۔ لیکن ڈاکٹر تم ذرا یوں سوچو۔۔۔۔ ایک شخص جس کا بدن دن رات درد سے دُکھتا رہتا ہو۔۔۔۔ اُس کے پیروں کی سوجن ہر دوسرے تیسرے روز بڑھ جاتی ہو۔۔۔۔ اُس کے ہاتھ اکثر مڑ جاتے ہوں۔ اُس کا بی پی (B.P) چھلانگیں لگا کر اُس کے ذہنی تناؤ اور سردرد میں اضافہ کر دیتا ہو۔۔۔۔ اس کا شوگر لیول بھی بڑھ جاتا ہو اور کبھی کم ہونے پر وہ شخص سیمی کوما (SEMI COMA) میں چلا جاتا ہو۔۔۔۔ پھر اس کی نیند بھی بمشکل چار پانچ گھنٹوں تک کی رہ گئی ہو۔ اُس کے زندہ رہنے کا کیا جواز ہو سکتا ہے ؟ اس سے بہتر ہے کہ وہ اپنے تمام دکھوں سے رہا ہو کر اپنے حقیقی لارڈ سے جا ملے اور کسی کو کوئی ملال نہ ہو۔‘‘
ڈاکٹر مسکرادیا۔ اُس کی مسکراہٹ میں اُس کا نفسیاتی مشاہدہ بھی شامل تھا۔ جانتا تھا کہ رام مورتی کسی دوسرے شخص کی آڑ میں اپنی بیماریوں کے ساتھ اپنی جسمانی اور ذہنی کیفیات بھی بیان کر رہا ہے۔ سنجیدگی سے بولا:
تم واقعی دُکھی لگتے ہو۔۔۔۔ اولڈ ایج میں ہر کسی کو چھوٹی بڑی پرابلمز ضرور آیا کرتی ہیں یہ قدرت کا اصول ہے۔ مگر کوئی بھی آدمی موت نہیں چاہتا۔۔۔۔ مگر تم تو خود ہی مرنے کی ٹھان بیٹھے ہو؟‘‘
’’ہاں ڈاکٹر۔۔۔۔ میں اپنی مرضی سے مرنا چاہتا ہوں۔۔۔۔ یہ زندگی اب میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی۔۔۔۔ میرے مرنے میں وہی میری مُکتی ہے اور عذاب سے نجات بھی۔‘‘
مجھے تم سے پوری پوری ہمدردی ہے۔۔۔۔ دن رات کا دُکھ درد آدمی کو پریشان رکھتا ہے۔۔۔۔۔ لیکن میں تمہاری خود کشی کے سلسلے میں تمہاری کوئی مدد نہیں کر سکتا۔ البتہ تمہارا علاج جاری رہے گا۔۔۔۔ اور ہاں۔۔۔‘‘ پھر اُس نے لہجہ بدل کر آہستہ آہستہ بولنا شروع کیا: ’’ میری کوشش رہے گی کہ جب میں تمہاری میڈیکل رپورٹ تیار کروں تو وہ اس قابل ہو کہ اُسے پڑھنے والا تمہاری ہر بیماری کا گہرا اثر لے۔‘‘
ہیتھرو ایئر پورٹ کے ٹرمینل نمبر دو سے زیورک جانے والے جہاز کی اُڑان چالیس منٹ بعد تھی۔ رام مورتی وہیل چیئر پر بیٹھا گود میں سفری بیگ کے ساتھ ایک فائیل رکھے اپنی دونوں چھڑیاں بھی سنبھالے ہوئے تھا۔ قریب ہی سُریش اپنا اُترا ہوا چہرہ لئے کھڑا تھا۔ دونوں خاموش تھے۔ لیکن جانتے تھے کہ وہ پل اُن سے کچھ فاصلے پر کھڑا سدا اُن کو ایک دوسرے سے الگ کر دے گا۔ یقیناً وہ پل دونوں کی قسمت میں پہلے سے لکھ دیا گیا تھا اور آج وہ خود کو سچ ثابت کرنے والا تھا۔ رام مورتی دُکھوں سے مکت ہو گا اور سُریش باپ کے سائے سے محروم۔ آخر وہ پل آ ہی گیا، جب اعلان ہوا کہ زیوراک جانے والے مسافر گیٹ نمبر سات سے جہاز کی طرف بڑھیں۔ رام مورتی کے بدن میں زلزلہ سا آ گیا۔ بدن کا سارا لہو دل میں آتے ہی اُس کی نظریں سُریش کی طرف اُٹھ گئیں۔ پھر وہ کرسی کا ہتھا پکڑ کر بمشکل اُٹھا اور بے تحاشا اپنے بیٹے سے لپٹ گیا۔ سُریش کی گرفت بھی اتنی مضبوط تھی کہ رام مورتی کا دم گھٹنے لگا۔ وہ اپنا سانس چھوڑتے پکڑتے بولا: ’’بیٹے ذرا آہستہ‘‘
’’سوری پاپا۔ معاف کرنا۔‘‘
وہیل چیئر چلانے والا سیاہ فام شخص اس وجہ سے حیران تھا کہ باپ بیٹا، گہری محبت میں گرفتار ایک دوسرے میں مدغم ہوا جا رہے تھے۔
’’سرجُو میرے بیٹے۔۔۔۔ میں اپنا کُل اثاثہ تمہارے نام چھوڑے جا رہا ہوں۔۔۔۔ بیٹی ڈالی پبلک ا سکول میں ہی تعلیم پائے گی۔ ایک بات اور۔۔۔۔ کل صبح گیارہ بج کر دو منٹ پر میں اس جہاں میں نہیں رہوں گا۔ تم دوپہر میں پہلا جہاز پکڑ کر زیوراک چلے آنا۔‘‘
سُریش حیران رہ گیا کہ ان باتوں کا ذکر گھر سے ایئر پورٹ چلتے وقت اُس کے باپ نے بالکل نہ کیا تھا۔ وہ کار میں بالکل خاموش بیٹھے ایئر پورٹ تک خاموش ہی رہے تھے۔ ’’میری ڈیڈ باڈی (DEAD BODY) لندن لا کر میرا انتم سنسکار اپنی برادری میں شان دار طریقے سے کرنا اور سب کو کھانا بھی کسی مندر میں کھلا دینا۔۔۔۔ ڈالی اور ببلو سے کہنا کہ گرینڈ پا اُ ن سے بہت پیار کرتا تھا۔ وہ فیونرل میں ایک دو منٹ میرے بارے میں ضرور بولیں۔ میری آتما کو شانتی ملے گی۔‘‘
وہ خود کو سنبھالتا واپس وہیل چیئر پر بیٹھا ہی تھا کہ اُس میں فوراً حرکت پیدا ہوئی۔ کُرسی لمحہ بہ لمحہ آگے بڑھتی رہی۔ لیکن رام مورتی پلٹ پلٹ کر فضا میں دایاں ہاتھ لہراتا، مسکرا کر سُریش کو دیکھتا رہا۔ اُس کا عمل تب تک جاری رہا جب تک کہ وہ مسافروں کی بھیڑ میں کھو نہیں گیا۔ سُریش دیر تک بُت بنا رہا۔ اُس کی دنیا زیرو زبر ہو گئی تھی۔
٭٭٭
سراب ڈاکٹر سید سعید نقوی (نیویارک )
پیارے احمر
معاف کرنا یار مہینے سے خط لکھنے کا ارادہ کرتا تھا مگر انگلیاں فگار تھیں، قلم تھامنے سے معذور۔ دیکھا میرے دوست میری اردو کی استطاعت میں ذرا کمی نہیں آئی۔ کیسا تم لوگ ڈراتے تھے کہ کالے انگریزوں والی زبان ہو جائے گی میری۔ ’’ Yesمیں understand کرتا ہوں but‘‘۔ مگر یار سچی بات تو یہ ہے کہ جب طیارہ کراچی ایئر پورٹ سے اڑا تو آنکھ میں بلاوجہ آنسو آ گئے۔ جسم تو یہاں آ گیا مگر دل وہیں رہ گیا۔ جہاز کی کھڑکی سے میں نے نگاہ ڈالی تھی تو ماچس کی ڈبیوں جتنے گھر ایک بے ترتیب قاعدے سے بکھرے پڑے تھے۔ جیسے کسی جن نے اپنے بڑے بڑے ہاتھوں میں ماچس کی ڈبیاں سمیٹ کر زمین پر پھینک دی ہوں۔ انہی میں سے کوئی میرا گھر نہیں تھا۔
خیر یار یہ بھی کیا آفت ملک ہے۔ جتنی ساری کراچی میں سربلند عمارتیں ہیں اتنی تو یہاں ایک گلی میں ہیں۔ ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ واقعی اتنی بلند ہے کہ سر اٹھا کر دیکھو تو ٹوپی گر پڑے۔ سمجھو اسی لئے میں نے یہاں آ کر ٹوپی اتار دی۔ ویسے اور بھی بہت کچھ اثاثہ اتار دیا ہے یا کھو دیا ہے مگر اس کا ذکر پھر کبھی کروں گا۔ افسوس جو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی بلند ترین عمارتیں تھیں وہ ’’کلچر وار‘‘ کی نظر ہو گئیں۔ ہر چند اس میں کتنے ہی اپنے پیاروں کا خون ہوا مگر سنا ہے نئی لغت میں اس کو ’’Collateral damage‘‘ کہتے ہیں۔ بھئی سچی بات ہے کہ میں نے تو اتر تے ہی خوب گوریاں تاڑیں۔ ایسا سرخ اور سفید رنگ کہ لگے آنکھوں میں سفید موتیا اتر آیا ہے۔ ایک دن سمندر کے کنارے بھی گیا تھا۔ بس سمجھو وضو ٹوٹ جائے آدمی کا۔ نیلگوں سمندر کا پس منظر اور سامنے جا بجا گلابی رنگ کی بارش تھی۔ بڑی مشکل سے اپنے آپ کو وہاں سے ہٹا سکا۔ یہاں میں نے ایک کمرہ بھی خرید لیا ہے۔ جو صرف میری دسترس میں ہے۔ میری اپنی دنیا۔ یہ ملک تو اس دنیا کا لگتا ہی نہیں۔ مجھے تو لگتا ہے اللہ میاں بھی گورا ہے اور ہو سکتا ہے امریکی ہی ہو۔
احمر یہاں ایک بہت بلند مجسمہ بیچ سمندر میں ایک جزیرے پر لا کر سجا دیا ہے۔ جسے مجسمۂ آزادی کہتے ہیں۔ جب امریکہ کسی ملک پر حملہ آور ہوتا ہے تو اس مجسمے پر ایک کپڑا ڈال دیتے ہیں تاکہ آتے جاتے بلاوجہ اس پر نظر نہ پڑے۔ شاید اس طرح ننگی جارحیت لباس پوش ہو جاتی ہے۔ شخصی آزادی بھی کمال کی ہے۔ یہاں واقعی سب انسان برابر ہیں۔ گورے دوسرے رنگوں سے کچھ زیادہ برابر ہیں۔ ویسے اگر کوئی گورا موجود نہ ہو تو رنگدار نسلیں بھی برابر ہیں۔ ہمارے ملک کے مقابلے میں یہاں اخبار بھی بہت آزاد ہیں۔ کمال کی آزادیِ صحافت ہے۔ مثلاً آج کل عراق کی جنگ میں جو امریکی فوجی مارے جاتے ہیں، حکومت کے خیال میں انکی تصاویر چھاپنے سے عوام میں بے چینی پھیلے گی۔ لہذا سب اخبارات نے آزادی سے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ایسی تصاویر نہیں چھاپیں گے۔ کمال کی آزادی ہے، بھائی میں تو بہت متاثر ہوا ہوں۔ حب الوطنی کا یہ عالم ہے کہ اگر ایک جمہوری صدر کسی ملک پر غلطی سے حملہ کر کے لاکھوں آدمی مروا دے، یا ایک قدیم تہذیب کا خون کر دے تو یہ نہیں کہ اس کے پیچھے ہی پڑ جائیں، بہت سمجھدار لوگ ہیں پردہ پوشی سے کام لیتے ہیں۔ ہماری طرف کے جاہل نہیں کہ بیچ مجمعے میں کھڑے ہو کر پوچھ رہے ہیں کہ تم تو اتنے دراز قد ہو یہ کرتا کہاں سے آیا، تمہارے حصے کا کپڑا تو تھوڑا تھا۔ میں بہت خوش ہوں کہ میں نے یہاں آنے کا فیصلہ کر لیا۔ تم اور شکیل ابھی آنے میں جلدی مت کرنا۔ پہلے میں ذرا قدم جما لوں پھر تم لوگوں کو بلا لوں گا۔ اس درمیان ہو سکے تو امریکی کلچرل سینٹر میں انگریزی کی کلاس لے لو یہاں آسانی ہو گی۔ تمہارے دل و دماغ میں وہ جدیدیت آ جائے گی جو اردو میڈیم لوگوں کی محرومی کا باعث ہے۔ مذاق کر رہا ہوں یار مجھے پتہ ہے تو ’’اردو میڈیم‘‘ سے کتنا چڑھتا تھا۔ یار میں خوش تو بہت ہوں لیکن تنہائی ایک عذاب ہے۔ عجب نہیں کہ پنجرے میں پھڑپھڑاتا ہر پنچھی دام صیاد توڑ کر بھاگ نکلنے کے خواب دیکھتا رہتا ہے۔ ہو سکے تو خط کا جواب ضرور دینا۔ بلکہ ابھی قلم اٹھاؤ اور خط لکھنا شروع کر دو۔ گھر میں سب کو پیار۔ خالہ جان کو آداب کہنا۔ کہنا میرے لئے دعا کرتی رہا کریں۔ شکیل کو کل خط لکھوں گا۔
تمہارا دوست
رضا
پیارے رضا
تمہارا خط ملا۔ ہم سب نے مل کے پڑھا۔ میں شکیل، انصار اور امجد۔ مجھے تو لگاجیسے وہ سب حسد کر رہے تھے کہ تم نے مجھے خط کیوں لکھا۔ شاید تم مجھ سے سب سے قریب ہو اور سب سے پہلے میرے ہی آنے کا انتظام کرو گے۔ یار کمال ہے تم اتنی جلدی سیٹ بھی ہو گئے اور کمرہ بھی خرید لیا۔ کمال کے آدمی ہو۔ ہو سکے تو اپنی تصویر بھیجو۔ لوگ تو جاتے ہی ایک تصویر کار کے ساتھ اور ایک فون بوتھ کے ساتھ ضرور کھنچواتے ہیں ہم سب لوگ بہت خوش ہیں کہ تم وہاں جم گئے ہو۔ لیکن تمہارا خط کچھ الجھا دینے والا تھا۔ کبھی کبھی ذہن میں کچھ عجیب واہمے اور وسوسے بھی اٹھتے ہیں۔ لیکن میں تو ہمیشہ منفی سوچ رکھتا ہوں۔
یہاں کے حالات وہی ہیں۔ مجھے خوشی ہے تم یہاں سے نکل گئے۔ ملک کے سیاسی حالات بھی وہیں ہیں۔ چوروں کی سرکار ہے۔ ہماری قسمت دیکھو دودھ کی رکھوالی بلی کے حوالے کر دی ہے۔ ہر ملک اور قوم گزرتے ہوئے سالوں کے ساتھ ترقی کے مدارج طے کرتا ہے۔ حالات پہلے سے بہتر ہوتے ہیں۔ پچھلے سفر اور مشکلات کے نشان مٹ جاتے ہیں اور نئے نشان تازہ منزلوں کا پتہ دیتے ہیں۔لیکن کیسی عجیب بات ہے کہ ہمارے مسائل ہر سال گزرے ہوئے سالوں سے زیادہ گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں۔ غربت گھٹنے کے بجائے بڑھ رہی ہے۔ روشن خیالی کے سورج کو دقیانوسی سوچ کی تاریکی نے نگل لیا ہے۔ اچھا ہوا تم نکل لئے۔ کسی دن اپنا بھی بلاوا آئے گا امریکی ایمبیسی سے۔ اب تو یار سنا ہے صبح چار بجے سے قطار لگانی ہوتی ہے۔ پھر کہیں صبح نو بجے سفارت خانہ کھلتا ہے۔ تمہارا کام کتنی آسانی سے ہو گیا لگتا ہے قسمت کی دیوی تم پر مہربان تھی۔ تم دل لگا کر کام کرو اور اپنی ترقیوں سے ہم سب کو حیران کرتے رہو۔ بہت خوشی ہوتی ہے جب اپنے ملک کا کوئی آدمی خاص کر کوئی اپنا دوست وہاں کامیاب ہوتا ہے۔ اس کا مطلب خرابی خام مال میں نہیں بلکہ تنور یا کمہار میں ہے۔ ہاں اپنی گوری گرل فرینڈ کی تصویریں بھیجنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ ہم اسے بالکل بھاوج کی نظر سے نہیں دیکھیں گے بلکہ اپنی گرل فرینڈ سمجھیں گے۔ ہاہا ہا۔ امی بھی تم کو بہت دعا لکھوا رہی ہیں۔
تمہارا
احمر
پیارے احمر
وقت کتنی تیزی سے گزر رہا ہے۔ پتہ نہیں وقت نے اپنی طنابیں کھینچ رکھی ہیں اور ہم گزر رہے ہیں یا واقعی یہ وقت دوڑ رہا ہے عجیب سراب ہے یہ سب کچھ۔ اس وقت برف پڑ رہی ہے۔ میرے کمرے کی کھڑکی میں گرل لگی ہے (حفاظت کے لیے) نجانے کس کو کس سے محفوظ رکھنا ہے۔ یہ کھڑکی کھل تو نہیں سکتی مگر اس میں سے روئی کے گالے آسمان سے ایسے اتر رہے ہیں جیسے چھوٹے چھوٹے پیرا شوٹ آسمان سے سردی درآمد کر رہے ہوں۔ جوڑوں تک میں یہ سردی بیٹھ گئی ہے اور میں بہت خوش ہوں کہ امریکہ کی جڑ میں بیٹھ گیا ہوں۔ یار میں کہیں پڑھ رہا تھا کہ اصلی امریکی وسطی ایشیا سے ہجرت کر کے یہاں آئے تھے۔ اگر ایسا درست ہے تو کچھ حوالے اور کاغذات بھیجو تاکہ میں مالکانہ حقوق کی درخواست دائر کر سکوں۔ یہ گورے تو بعد کی پیداوار ہیں۔ آج کچھ طبیعت پر زیادہ قنوطیت طاری ہے۔ خیر اب میرے بہت سے پولیس والے بھی دوست بن گئے ہیں۔ خوب جان بنا رہا ہوں۔ دیکھو گے تو پہچان نہیں پاؤ گے۔
لڑکیوں کا معاملہ خوب چل رہا ہے۔ یار میں نے تو اپنی تیس سال کی کسر نکال لی ہے۔ وہاں تو ایسے گھٹے ہوئے ماحول میں رہ رہے تھے۔ یاد ہے ایک دن حسینہ کو مسکرا کے دیکھ لیا تھا تو اس کا بھائی لڑنے آ گیا تھا۔ پھر بھی یار تُو کمال کا آدمی ہے اس کے باوجود تُو نے اس کا فون نمبر حاصل کر لیا تھا۔ یہاں یہ حال ہے کہ مسکرا کر نہ دیکھو تو بھائی لڑنے آ جاتا ہے۔
میں خوب گھوم رہا ہوں۔ یہ بہت بڑا ملک ہے۔ بہت امیر، لیکن یار میں نے فقیر یہاں بھی دیکھے ہیں۔ ضرورت اور غربت سرحدوں کی قیدی نہیں ہوتی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر فقیر گٹار بجا کر بھیک مانگتے ہیں۔ ان کا ہالی وڈ تو اتنا مشہور ہے لیکن موسیقار بھیک مانگتے ہیں۔ اچھا یار اب تھک گیا۔ پھر لکھوں گا۔ ابھی نئی گاڑی لینے جانا ہے۔
تمہارا دوست
رضا
پیارے رضا
نئی گاڑی، لڑکیاں، برفباری یار تُو امریکہ میں ہے یا جنت میں۔ کچھ حیرت نہیں کہ امریکی سفارت خانے کے باہر لمبی لمبی قطاریں لگی ہوتی ہیں۔ خیر میاں جہاں رہو مزے میں رہو۔ دیکھو کتنی جلدی اگست آ گیا ہے۔ ابھی تم پچھلی جنوری میں ہی تو گئے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ڈیڑھ سال گزر گیا۔ معاف کرنا تقریباً چار مہینے کے بعد تمہیں جواب لکھ رہا ہوں۔ بس ایسے ہی طبیعت پر سُستی طاری تھی۔ بڑی بڑی توپیں اور ٹینک عوام کو سلامی دیتے ہوئے گزریں گے۔ ہے ناں فخر کی بات۔ یار مجھے تو اپنی فوج پر بہت فخر ہے۔ کل ایک صاحب مذاق کرنے لگے بولے اصل میں یہ ٹینک اور توپیں عوام سے سلامی لیتے ہوئے گزرتے ہیں۔ احمقوں کی بھی کمی نہیں۔ میرے خیال میں تو جب تک ہماری فوج کے پاس ٹینک، طیارے اور آبدوزیں ہیں ملک محفوظ رہے گا۔ غربت اور امارت تو ہر جگہ ہوتی ہے۔ تم نے لکھا نہیں تھا کہ فقیر امریکہ میں بھی ہوتے ہیں ؟
اس درمیان میرے حالات کچھ بہتر ہو گئے ہیں کام خوب چل رہا ہے۔ اب میں نے تین دکانیں لے لی ہیں۔ بلکہ مجید اب میرے پاس منیجر کا کا م کر رہا ہے۔ میرے خیال میں تو اپنے دوست کو منیجر رکھنا ایسا ہی ہے جیسے آدمی اپنے سُسر کے ساتھ بزنس پارٹنر شب کر لے۔ تو سمجھ رہا ہے ناں میرا مطلب۔ یا تیری حسِ مزاح بھی امریکی ہو گئی ہے ؟ بس یار تو وہاں عیش کرتا رہ۔ کبھی کبھار ہم غریبوں کو ایسے ہی خط لکھ کے یاد کر لیا کرو۔ اب میں نے وہاں آنے کا فیصلہ بالکل بدل دیا ہے۔ یہاں سب کچھ موجود ہے۔ جب تم آؤ گے تو خود ہی دیکھ لینا کام کتنا پھیل گیا ہے۔ لہذا میرے اسپانسر شپ کے کاغذات مت بھیجنا۔ بس اپنا کام جماؤ۔ ہاں کون سی گاڑی خریدی تم نے۔ یار گرل فرینڈ کی تصویر بھیجنے کا شکریہ، بالکل بالی وڈ کی اداکارہ لگ رہی ہے، سچ کہہ رہا ہوں بہت ملتی ہے۔ مزے کر لے بھائی۔
تمہارا دوست
احمر
پیارے احمر
یار مجھے افسوس تو ہوا کہ تم نے امریکہ آنے کا ارادہ بدل دیا ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ تم وہاں اتنا زبردست کام کر رہے ہو۔ اگر وہاں کام اچھا چل رہا ہے تو یہاں آنے کی کیا ضرورت ہے۔ اس خط کے ساتھ کچھ پیسے بھیج رہا ہوں ہو سکے تو ایدھی ٹرسٹ بھجوا دینا۔ آج طبیعت بہت اداس ہے۔ دل بہت گھبرا رہا ہے۔ پتہ نہیں کس کا شعر ہے کہ
آج کچھ بے سبب اداس ہے جی
عشق ہوتا تو کوئی بات بھی تھی
پچھلے دنوں میں نے بہت وزن گرا لیا ہے۔ اب مڑ کے دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ میرا یہاں آنے کا فیصلہ ٹھیک تھا؟ میرے بھائی ہر آدمی کو اپنی اپنی صلیب خود اٹھانی ہوتی ہے۔ میں بلاوجہ گھمبیر ہو جاتا ہوں۔ میں بہت خوش ہوں کہ تو یہاں نہیں آ رہا۔ میں بہت خوش ہوں۔خوب پیسے بنا رہا ہوں۔ لگتا ہے جیسے امریکی سرکار کا مہمان ہوں جسے وہ بٹھا کر کھلا رہی ہے۔ اپنا بہت بہت خیال رکھنا اور ہاں میری کوئی بات بری لگ گئی ہو تو معاف کرنا۔ خالہ جان کو بہت بہت آداب۔ میں ان سے بہت شرمندہ ہوں۔ کاش۔اے کاش
تمہارا بہت دور بیٹھا دوست
رضا
رضا
یہ کس قسم کا خط تھا میرے بھائی۔ مجھے بہت ادا س کر گیا۔ سب خیریت تو ہے۔ تو بہت تنہا اور اداس لگا مجھے اس خط سے۔ مجھے بہت فکر ہو گئی ہے تمہاری طرف سے۔ اب تم فوراً ٹکٹ کٹا کر کسی دن حیران کر جاؤ اور اپنی موہنی صورت دوبارہ دکھا جاؤ۔ معاف کرنا میں اس وقت بہت جلدی میں ہوں اس لئے بہت مختصر خط لکھ رہا ہوں۔ امی بہت دعا کہہ رہی ہیں۔ پھر تفصیل آئندہ لکھوں گا۔
احمر
محترم جنا ب احمر صاحب
مسٹر رضا احمد کا کل شام جیل میں انتقال ہو گیا۔ امریکہ آنے کے تین ماہ بعد وہ کریڈٹ کارڈ فراڈ میں گرفتار ہو گئے تھے۔ ان کی وصیت کے مطابق آپ کو اطلاع دی جا رہی ہے۔ رضا نے تقریباً ایک سال تک HIV کا بستر مرگ پر خوب مقابلہ کیا Jesus اس پر رحم کرے۔
جان ڈوہ
سپرنٹنڈنٹ جیل
سپرنٹنڈنٹ جان کا خط شکیل کے ہاتھ سے گر گیا۔ اس کی آنکھ سے آنسو جاری ہو گئے۔ یہ ایک سال میں اسے دوسرا دھچکہ لگا تھا۔احمر کے نام آنے والے تمام خطوط احمر کی والدہ شکیل کو دے دیتی تھیں۔ احمر کا انتقال تو تقریباً ایک سال پہلے ہی ٹریفک حادثے میں ہو گیا۔ لیکن احمر کی خواہش تھی کہ رضا کو اس بات کا پتہ نہ چلے تاکہ وہ امریکہ میں اپنے قدم جما سکے۔ شکیل کا بھی اب احمر کے نام سے خطوں کا جواب دے دے کر حوصلہ جواب دے گیا تھا۔ جھوٹی تسلیوں سے بُنا یہ جال آج اپنے محرک کی موت سے ٹوٹ گیا تھا۔
٭٭٭
آموختہ شکیلہ رفیق (کینیڈا)
اُس روز۔۔۔۔اک عجب سی بات ہوئی۔۔۔۔
غالباً آدھی رات تھی کہ وہ باتھ روم کے لئے اٹھا۔۔۔۔ پھر اُس نے دیکھا کہ رومی بستر پہ نہ تھی۔ چوں کہ اس سے قبل ایسا کبھی نہ ہوا تھا۔ اس لئے اس نے قدرے مستعجب سا ہو کر دروازے سے جھانکا۔
وہ SOLARIAM میں کمپیوٹر کے سامنے بیٹھی کچھ ٹائپ کر رہی تھی۔ یہ کوئی نئی بات یوں نہ تھی کہ کمپیوٹر ان دونوں کی ہی کمزوری بن چکا تھا اور ان دونوں کا ہی بیشتر وقت کمپیوٹر پہ ہی گزرتا تھا۔ مگر۔۔۔۔ اتنی رات کو؟ اس نے سوچا، اسے نیٹ کا ADDICTION ہو گیا ہے۔ پھر اسے بناء مداخلت کئے وہ پھر سے سونے لیٹ گیا۔
لیکن ۔۔۔اس کے بعد بھی جب ایک دوبارایسا ہی اتفاق ہوا۔۔۔۔ تب۔۔۔۔ اس کے ذہن میں کھوج کا کیڑا آ کر براجمان ہو گیا۔
اس کے بعد تو وہ روز ہی چونکنا ہو کر سونے لگا۔۔۔۔ اس چونکنّے پن کے ساتھ آدھی رات کو رومی کی کھوج کرنا معمول سا بننا شروع ہو گیا وہ روز ہی اس وقت نیٹ کے سامنے نظر آتی۔
وہ کچھ سمجھ نہ پا رہا تھا پر۔۔۔۔ رات کی یہ بیداری اسے ماضی میں لے جانے لگی۔
رومی کسی انجمن کی ممبر تھی۔ ناصر بھی اکثر وہاں جایا کرتا تھا۔ رومی سے اُس کی ملاقات اسی انجمن کے ایک جلسے میں ہوئی تھی۔ پھر یہ ملاقات جانے کیسے اور کب دوسرا ہی رخ اختیار کر گئی اور چند ملاقاتوں کے بعد ہی انہوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔ جب کہ دونوں کے گھر والے اس شادی سے سخت نالاں تھے مگر انہوں نے اس مخالفت کی قطعاً پرواہ نہ کی اور شادی کے بندھن میں بند ھ گئے۔
گھر والے کچھ عرصہ خفا رہے مگر پھر ملنے جلنے لگے۔ مگر ناصر کے گھر والوں نے بیٹے کو علیحدہ ہی رہنے کی صلاح دی۔
ناصر کی خواہشات کچھ بہت زیادہ نہ تھیں۔ بس یہی کہ رومی انجمن کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گھر پہ بھی توجہ دے خصوصاً بیٹی گیتی پر۔۔۔۔ مگر۔۔۔۔ رومی کا کہنا تھا کہ وہ اس کی ان ACTIVITIES سے پہلے سے واقف تھا جب کہ ان کی ملاقات بھی اس ایسی ہی جگہ ہوئی تھی۔ جو ان دونوں کی پسندیدہ بھی تھی۔
پھر اب۔۔۔۔؟
اس میں کیا خرابی در آئی ہے ؟ اب وہ وہاں جانا کیوں بند کر دے ؟ بلکہ کم بھی نہیں کر سکتی۔
ناصر کے مزاج میں نہ تو غصّہ تھا نہ ہی حکمرانی کا کوئی جذبہ۔۔۔۔ لیکن۔۔۔۔ رومی کی دن بہ دن بدلتی مصروفیات اور ضد کے سبب اب اس کا رویہ بھی بدل رہا تھا جو اسے فکر مندی کے دریا میں بہا کر لے جا رہا تھا اور۔۔۔۔ اس کی لہریں اس کے مزاج میں غصّے کا عنصر بھی بڑھا رہی تھیں۔
وہ جلسہ گاہ، جس میں رومی سے اس کی پہلی ملاقات ہوئی تھی۔ اب اسے شمشان کی مانند نظر آنے لگی تھی۔
گویا۔۔۔۔ جس طرح ان کی شادی حادثاتی طور پہ ہوئی تھی، اسی طرح جدائی شاید اس سے بڑا حادثہ بننے والی تھی۔ کچھ عجب سے چکراتے اندھیروں میں گھرتا جا رہا تھا وہ۔۔۔۔ نامعلوم سی الجھنیں، جنہیں معلوم کرنا چنداں دشوار نہ تھا۔۔۔۔ مگر۔۔۔۔ جن کی کھوج کے خیال سے ہی دل ڈوبنے لگتا تھا۔ اس لئے وہ انہیں فی الحال نہ معلوم ہی رکھنا چاہتا تھا۔۔۔۔ پر۔۔۔۔ اس مسئلے کا حل کیا تھا؟ اور جو تھا وہ کم از کم اس پہ متفق نہ تھا۔
’’رومی! کیا تم آج بھی کہیں باہر جاؤ گی؟‘‘ ابھی گذشتہ ہفتے کی بات تھی کہ اس نے پوچھا تھا۔
’’ہاں۔۔۔۔ شام کو انجمن کی میٹنگ ہے ‘‘
’’کتنے بجے ؟‘‘
’’چھ بجے شام‘‘
’’ موضوع کیا ہے ؟‘‘
’’بچے قوم کی امانت ہیں ‘‘
یہ سن کر وہ۔۔۔۔ ہمیشہ کی مانند مسکرا دیا پھر بولا ’’ایسا کرو۔۔۔۔‘‘ وہ رُکا ’’رک کیوں گئے۔۔۔۔ بو لو بولو۔۔۔۔ دو طعنے۔۔۔۔ برساؤ طنز کے تیر۔۔!! اپنے اندر ابلتے الاؤ پر وہ پانی کے چھینٹے ڈال کر ملائم لہجے میں بولا۔
’’پہلے اپنے گھر کی امانت تو سنبھال لو‘‘
’’یہاں تم جوہو‘‘
’’میں تو سنبھالتا ہی رہتا ہوں۔۔۔۔ لیکن۔۔۔۔ اگر آپ کا تعاون بھی حاصل ہو تو عنایت ہو گی۔‘‘
وہ تجاہل سے بولی ’’اول تو میرے پاس اتنا وقت ہی نہیں ہوتا۔۔۔۔ پھر آیا کس مرض کی دوا ہے ؟‘‘
’’اگر انسا ن چاہے تو۔۔۔۔ وقت تو نکالنا ہی پڑتا ہے اور۔۔۔۔ رہی آیا، تو وہ اسی قدر کرتی ہے، جس قدر فرائض کی اسے تنخواہ ملتی ہے۔۔۔۔ پھر یہ بھی ہے کہ۔۔۔۔ خیر چھوڑاس بات کو۔۔۔۔ گھر تمہارے لیے بھی اہم رہا ہی کب ہے ؟‘‘
’’اس فضول بخت کے لئے میرے پاس اس وقت قطعاً وقت نہیں۔۔۔۔ بہت سے کام ہیں۔۔۔۔ پھر تقریر بھی تیار کرنی ہے ‘‘
وہ مڑ کر الماری سے کپڑوں کا انتخاب کرنے لگی۔ وہ تیاریوں میں مصروف تھی پھر بھی و ہ بولے جا رہا تھا۔
’’آج کی میٹنگ میں کیا طے کرے گی تمہاری انجمن؟ یہی نا کہ بچے قوم کی امانت ہیں۔۔۔۔ ان پر بھر پور توجہ دینی چاہیے۔۔۔۔ یہ ہمارا فرض ہے۔۔۔۔ بچے کی پہلی درس گاہ ماں کی گود ہوتی ہے۔۔۔ بچہ!!‘‘
’’ناصر۔۔۔۔!!! بس چپ رہو!‘‘
وہ مسکرادیا ’’کیوں ؟ سچ نگلا نہیں جا رہا نا؟‘‘
’’ناصر۔۔۔۔!!! ‘‘ وہ چیخی
’’چیخنے سے اگر مسائل حل ہو جاتے۔۔۔۔ تو۔۔۔۔ ہم اب تک اپنے مسئلے حل کر چکے ہوتے۔‘‘
’’ہماری کوئی PROBLEMS ہیں ہی نہیں۔۔۔۔ تم۔۔۔ خواہ مخواہ انہیں CREATE کرنا چاہتے ہو‘‘ وہ لاپرواہی سے بولی۔
’’اچھا۔۔۔۔!!! ‘‘ وہ تمسخر سے ہنسا‘‘ ویسے۔۔۔ یہ۔۔۔ میرے لئے اک خبر ہے۔
’’ANY WAY I AM GETTING LATE‘‘
اس نے صرف اتنا کہا اور پرس کندھے پر لٹکا کر تقریباً بھاگتی ہوئی دروازے سے نکل گئی۔
اس نے ہانک لگائی ’’ یہ تم جلسے کے لیے بھاگ رہی ہو۔۔۔۔ یا گھر کے مسئلوں سے جان چھڑا کر بھاگ رہی ہو؟‘‘
پھر۔۔۔۔ کوئی جواب نہ آنے کی صورت اس نے ٹی وی کھول لیا اناؤنسر کہہ رہی تھی۔
’’خودکش بم حملے سے ایک اور نوجوان ہلاک ہو گیا۔ وہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کر رہا تھا‘‘
’’ہوں۔۔۔۔ مسائل سے جان چھڑانے کی ایک صورت یہ بھی ہے۔۔۔۔ مگر رومی بیگم اسے کیوں اپنائیں گیں۔۔۔۔ البتہ۔۔۔۔ میرے وجود پہ بم باندھنے میں انہیں قطعاً کوئی تامل نہ ہو گا‘‘
’’ کس سے باتیں کر رہے ہیں پپّا؟‘‘ سامنے اس کی دس سالہ بیٹی گیتی کھڑی تھی۔ وہ مسکرایا
’’ اپنے آپ سے ‘‘
’’کوئی اپنے آپ سے بھی باتیں کرتا ہو گا‘‘ وہ معصومیت سے بولی
’’ہاں بہت سے لوگ کرتے ہیں ‘‘
’’کیوں ؟‘‘
’’کیوں کہ ان سے کوئی بات کرنے والا نہیں ہوتا‘‘
’’مگر آپ ایسا کیوں کرتے ہیں ؟ میں تو آپ سے اتنی باتیں کرتی ہوں۔‘‘
’’یہ تو ہے ‘‘ اس نے بازو پھیلا دیئے۔ گیتی اس کے بازوؤں میں سما گئی۔ یہ جانے بنا ء کہ جو باتیں وہ کرنا چاہتا ہے۔ گیتی اس کے املا سے بھی واقف نہیں۔
رومی سے شادی بھی ضد کا نتیجہ تھی اور۔۔۔۔ شاید۔۔۔۔ اب جدائی کی وجہ بھی ضد ہی بنے۔ معاملہ کسی طور سلجھ نہ پا رہا تھا۔ کہ اب اس میں جھگڑے کا یہ اک نیا موڑا گیا تھا۔ اتنی اتنی دیر رومی کا نیٹ کے جال میں الجھے رہنا وہ بھی آدھی آدھی رات تک۔ اس سے قبل اس نے رومی کو اس انداز میں نہ دیکھا تھا۔ کئی بار ایسا ہی انداز نظر آنے کے بعد اس میں مزید تجسس در آیا۔ کھوج کا کیڑا اب بڑے ہی تکلیف دہ انداز میں بلبلانے بھی لگا تھا اور اسی بلبلاہٹ کا نتیجہ تھا کہ اب وہ روز آدھی رات کو بلاوجہ ہی اٹھتا اور اس کی کھوج کرتا اور وہ کمپیوٹر کے سامنے ہی نظر آتی۔ ادھر رومی کے ذہن کے کسی کونے میں بھی نہ تھا کہ ناصر نے اس کی جاسوسی شروع کر دی ہے۔ یہی وجہ تھی اس کے معمولات بعینہ وہی تھے۔
ایک روز وہ نیٹ استعمال کرنے کے دوران اٹھی اور باہر کے ہی باتھ روم میں چلی گئی شاید اس خیال سے کہ بیڈ روم سے ملحق غسل خانے میں جانے سے ناصر کی آنکھ نہ کھُل جائے۔ جب کہ اس کی آنکھیں تو پہلے ہی چوپٹ کھلی تھیں۔ وہ جو کئی راتوں سے کسی ایسے ہی کسی موقع کی تلاش میں۔۔۔۔ جاگتا رہا تھا۔۔۔۔ چونکنّا ہو گیا رومی نے جوں ہی دروازہ مقفل کیا وہ چھلانگ مار کر کمپیوٹر تک پہنچا۔
پھر۔۔۔۔
ا سکرین نے اسے جو منظر دکھایا وہ اس کے تو کیا کسی بھی شخص کو بولا دینے کے لیے کافی تھا۔ وہ بیک وقت ایک نہیں چار پانچ مردوں یا لڑکوں سے CHATTING کر رہی تھی۔۔۔۔ ا سکرین پر کہیں گلاب کے پھول بنے تھے، کہیں ہونٹ، کہیں دل اور۔۔۔ اور بھی نہ جانے کیا کیا کچھ۔
اور پھر۔۔۔۔
اس کا سر ہنڈولے کی مانند گھومنے لگا اور اس سے قبل کہ وہ چکرا کر گر پڑے اس نے خود کو سنبھالا اور آہستہ قدموں سے واپس جا کر خود کو بستر پر گرا دیا۔ پیروں کی جیسے کسی نے جان نکال لی تھی۔۔۔۔ ذہن میں آندھیاں چل رہی تھیں۔۔۔۔ آنکھوں میں آگ سی بھر گئی تھی۔۔۔۔ اور ان بگولوں کے بیچ وہ چکراتا سر تھامے خود کو سنبھالنے کی ناکام کوشش کر رہا تھا۔ اس سب کے بعد وہ ایک لمحے کو بھی سو نہ سکا۔
اگلی شام جب رومی نے اعلان کیا کہ آج پھر میٹنگ ہے۔اور اس کا جانا بھی ضروری ہے تب وہ برداشت نہ کر سکا۔
’’تم واقعی انجمن کی میٹنگ میں جا رہی ہو؟‘‘
’’WHAT DO YOU MEAN BY THAT‘‘ اس کا پارہ چڑھنے لگا۔
’’انگلش بولنے سے کچھ حاصل نہیں۔۔۔۔ مجھ پر کوئی رعب نہیں پڑنے والا ‘‘
’’اچھا۔۔۔۔!!!‘‘
’’ہاں ! جو میں نے پوچھا ہے اس کا جواب دو‘‘
’’کیوں پوچھا ہے ایسا بے تکا سوال؟‘‘
’’جواب دو رومی!!‘‘
’’تم مجھ پر شک کر رہے ہو‘‘
’’میں نے تو ایسا ایک لفظ بھی نہیں کہا‘‘
’’کیا مطلب نہیں کہا؟تم الفاظ کا استعمال کئے بغیر بھی بہت کچھ کہہ رہے ہو‘‘
’’جو پوچھا ہے اس کا جواب دو، کیوں بات کو بڑھا رہی ہو؟‘‘
’’میں کہیں بھی جار ہی ہوں تم کون ہوتے ہو پوچھنے والے ‘‘ اب وہ اوچھے پن پر اتر آئی۔
’’اچھا۔۔۔۔!! تو۔۔۔۔ یہ نوبت آ گئی ہے ؟‘‘ وہ بھی اوچھا ہونے لگا۔
’’جی یہ میرا پرسنل معاملہ ہے اور میں اپنے پرسنل معاملات میں مداخلت بالکل پسند نہیں کرتی‘‘ اس نے آج کے دور کا سب سے بڑا ہتھیار استعمال کیا تھا ’’PERSONAL‘‘
مگر ناصر اس ہتھیار سے گھائل ہوئے بنا بولا ’’آپ کی اطلاع کے لیے جب ایک عورت یا ایک مرد شادی کر لیتے ہیں اور ان کے بچے بھی ہو جاتے ہیں۔۔۔۔ تب پھر۔۔۔۔ کچھ بھی پرسنل نہیں رہتا‘‘
’’شکریہ۔۔۔۔ آپ کی اس اطلاع کا۔۔۔۔ لیکن۔۔۔۔ اگر میں اس سے اتفاق نہ کروں تو۔۔۔۔ تو؟؟‘‘
’’کیا مطلب تو؟‘‘
’’تو۔۔۔۔ آپ میرا کیا بگاڑ لیں گے ناصر قریشی صاحب!‘‘
’’اب تم۔۔۔۔ بدتمیزی پر اتر آئی ہو‘‘
’’کیوں ؟ تم میرے بزرگ ہو کیا؟ جو میں تمہارا ادب و احترام کروں ؟ ہمارے رشتے برابر کے ہیں مسٹر! گئے وہ زمانے جب عورتوں کو دب کر رکھا جاتا تھا۔۔۔۔ ان کو کم تر سمجھا جاتا تھا۔ ان سے نوکروں جیسا سلوک کیا جاتا تھا۔۔۔۔ مرد ان پر حاوی رہتا تھا۔۔۔ اور۔۔۔۔‘‘
’’بس بس۔۔۔۔ اب عورتیں حاوی ہیں۔۔۔۔ تم خو ش ہو جاؤ یہ سوچ کر۔ اور بند کرو اپنی یہ بکواس‘‘
’’ یہ۔۔۔۔ یہ۔۔۔۔ بکواس ہے ؟ تم سمجھتے کیا ہو خود کو؟‘‘ اس کی آنکھیں انگارے بن گئی تھیں۔
’’ بہر حال۔۔۔۔ آج تم میٹنگ میں نہیں جاؤ گی‘‘
’’کیا ؟؟ ‘‘ اس کی آنکھیں بے یقینی کے رنگ سے مزید لال ہو گئیں۔
’’ہاں ! تم آج کہیں نہیں جاؤ گی‘‘ وہ اک اک لفظ پر زور دے کر بولا۔
’’تم۔۔۔۔؟ ہوتے کون ہو مجھے روکنے والے ؟‘‘ سرخ آنکھوں پہ بنی بھنویں تن کر کمان بن گئیں تھیں۔ مگر۔۔۔۔ ناصر کو آج اس کما ن سے نکلنے والے کسی تیر کا خوف نہ تھا وہ اطمینان سے بولا۔
’’وہی۔ جو اب تک تمہیں جانے دے رہا تھا‘‘
’’تم۔۔۔۔ تم۔۔۔۔؟ مجھے جانے دے رہے تھے ؟’’وہ طنزیہ ہنسی‘‘ اس خوش فہمی کو میں کس خانے میں ڈالوں ؟‘‘
’’خانہ بندی سے تو تم ہی واقف ہو‘‘
’’ANY WAY مجھے تو جانا ہے ‘‘
’’میری اجازت کے بغیر تم اک قدم بھی نہیں اٹھا سکتیں ‘‘
وہ مسکرائی ’’ اجازت۔۔۔۔ بعد میں واپس آ کر لے لوں گی۔۔۔۔ ٹھیک؟‘‘
اب۔۔۔۔ وہ برداشت پر چھینٹے ڈالنے سے بھی قاصر ہو گیا۔ اور پھر زور دار جھڑپیں، ایک دوسرے پہ الزامات، بدزبانی کی بوچھاڑ کے بعد وہ قریبی صوفے پر گر پڑا۔ ادھر رومی تلملاتی ہوئی اسٹور روم میں چلی گئی۔ پھر ناصر نے دیکھا کہ اس کے ہاتھ میں ایک سوٹ کیس ہے جسے تھام کر وہ بیڈ روم میں جا رہی ہے۔ کچھ دیر بعد وہ سوٹ کیس گھسیٹتی ہوئی کمرے سے باہر آئی اور نفرت بھری نگاہ ناصر پر ڈال کر بولی۔
’’میں ایسے گھر میں ایک سیکنڈ بھی رہنا نہیں چاہتی جہاں ’’بے اعتمادی‘‘ بستی ہو ایک ساعت کے لیے تو وہ مستعجب سا ہو گیا۔ اسے یقین نہ آ رہا تھا کہ وہ حقیقتاً گھر چھوڑ کر جا رہی ہے۔
مگر۔۔۔۔
جب اس نے مڑ کر گیتی پہ اک نگاہ بھی نہ ڈالی۔۔۔۔ تب۔۔۔۔ اسے یقین کرنا ہی پڑا۔۔۔۔ اور پھر۔۔۔۔ یقین کے اس تلخ شربت کو حلق سے نیچے اتارتے ہی بن پڑی۔
رومی جا چکی تھی۔۔۔۔اور گیتی کے سامنے نارمل بھی رہنا تھا۔۔۔ سو۔۔۔۔ خود کو معمول کے مطابق ثابت کرنے کے لیے اس نے سائیڈ ٹیبل پر پڑا ایک رسالہ اٹھا لیا۔ رومی ہی اکثر وہ پرچہ خرید کر لاتی تھی۔ وہ یوں ہی اوراق پلٹنے لگا۔
ہنھ! عورت کی مظلومیت سے بھرا پڑا ہے پورا رسالہ۔۔۔۔ لکھتی بھی تو خواتین ہی ہیں۔۔۔۔ کبھی مردوں کی مظلومیت نہیں دیکھی نہ احساس ہوا، اس نے رسالہ اٹھا کر اک جانب پھینک دیا۔
اس دن کے جھگڑے کے بعد ان دونوں کی ملاقات پھر کبھی نہ ہوئی لیکن پتہ نہیں کیوں اس نے رومی کی جاسوسی جاری رکھی۔ اور اس جاسوسی کے نتیجے میں اسے ایسی ایسی اطلاعات مل رہی تھیں کہ وہ حیران تھا۔۔۔۔ مثلاً۔۔۔ وہ مختلف مردوں کے ہاتھوں میں کھلونا بن رہی تھی۔۔۔ اور۔۔۔ اپنے تئیں نہ صرف خوش تھی بلکہ تفاخر بھی محسوس کر رہی تھی کہ۔۔۔۔ وہ۔۔۔۔ آزاد ہے۔
وقت کیسی ظالم شے ہے۔۔۔۔ کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ بیت ہی جاتا ہے۔
اس نے گیتی کی پرورش میں باپ اور ماں دونوں کا کردار ادا کیا تھا۔ اپنی تمام بہترین صلاحیتوں کے مطابق، اعلیٰ تعلیم و تربیت دی تھی۔ اک ذمہ دار باپ کے ساتھ ایک اچھے دوست کے مطابق اس کے مسائل سنے تھے اور انہیں حل کیا تھا۔
اسے تعجب ہوتا تھا کہ گیتی نے ماں کے بارے کبھی کوئی خاص نہ پوچھا تھا خصوصاً گزرتے وقت کے ساتھ، اور اب تو وہ جوان ہو گئی تھی۔ ایم۔ بی۔ اے کی تعلیم حاصل کر رہی تھی کلاس فیلو لڑکے ادیب کو پسند کرتی تھی۔ اپنے دل کی ہر بات ناصر سے کہہ دینے والی گیتی نے اپنے دل کی یہ بات بھی اس سے کہہ دی تھی۔ ناصر ادیب سے ملا اور تمام معاملات کو ہر نقطۂ نظر سے سمجھ کر انہیں سلجھا دیا تھا۔ اور اب اس کی شادی ادیب سے طے ہو گئی تھی۔
شادی کی تیاریاں جا ری تھیں کہ ایک روز اس نے گیتی سے کہا ’’تم چا ہو تو تمہاری ماں کو مطلع کر دوں ؟‘‘
’’کہاں ہیں وہ؟‘‘
’’ اس کا پتہ چلایا جا سکتا ہے ‘‘
’’جس ماں کا پتہ چلانا پڑے۔۔۔۔ اس سے۔۔۔۔ کیا کہنا۔۔۔۔اور کیا سننا۔۔۔۔‘‘
اس کی ہنسی بڑی پھیکی تھی۔
اور وہ۔۔۔۔!
دھک سے رہ گیا ’’گیتی۔۔۔!!!‘‘
’’ہاں پاپا آپ ابھی تک مجھے بچہ ہی سمجھتے ہیں ؟ اور میں تو۔۔۔۔ اس وقت بھی بچی نہیں تھی جس روز ایک ماں اپنی دس برس کی بچی کو چھوڑ کر چلی گئی تھی۔۔۔۔ اور۔۔۔۔ آپ کو بھی‘‘
وہ سُن سا بیٹھا تھا کہ وہ پھر بولی ’’اور سب کچھ سمجھ بھی رہی تھی اس نے اک ٹھنڈی سانس بھری ‘‘ اب۔۔۔۔ ایسے ہی رہنے دیں۔۔۔ پاپا!
اس نے بڑھ کر گیتی کو کلیجے سے لگا لیا۔ یہ حقیقت تھی کہ اس نے پوری زندگی صرف گیتی کے لیے وقف کر دی تھی۔ نہ اس نے دوسری شادی کی نہ ہی گیتی سے لاپرواہی کی۔۔۔۔عورتیں انگشت بہ دنداں ہوا کرتیں کہ کوئی مرد بھی ایسا ہو سکتا ہے ؟
پر۔۔۔۔ وہ۔۔۔۔ ایسا ہی مرد تھا۔
گیتی کے منع کرنے کے باوجود اس نے اپنے طور پر رومی کا پتہ لگانے کی کوشش کی کہ وہ ان دنوں کہاں ہے۔۔۔۔ مگر۔۔۔۔ کچھ معلوم یوں نہ ہو سکا کہ گیتی کی شادی اور اس کی تیاری کی مصروفیت میں اس کی توجہ ادھر کچھ دنوں سے اس کی جانب سے ہٹی رہی تھی۔۔۔۔ پھر۔۔۔۔ گیتی کی عدم دلچسپی اور کام کی مصروفیت کی وجہ سے رومی کو ڈھونڈنے کی تگ و دو نہ کی۔
شادی کے بعد کوئی سال بھر تو گیتی اس شہر میں رہی۔۔۔ اور اپنے مقدور بھر پاپا کی دیکھ بھال بھی کرتی رہی۔ پھر اس کے اگلے برس ادیب کو ملایشیاء میں بہت اچھی ملازمت مل گئی تھی اور وہ لوگ ملایشیاء منتقل ہو گئے۔
ان دونوں کے چلے جانے کے بعد وہ ایک دم ہی اکیلا ہو گیا۔ بہت عرصے تک گھر میں بند رہ کر اس تنہائی سے سمجھوتہ کرنے کی کوشش کی مگر اس میں مطلوبہ کامیابی نہ حاصل ہونے پر اس نے دوسری دلچسپیاں ڈھونڈیں۔۔۔۔ جس میں گیتی کا ہاتھ زیادہ تھا۔ پابندی سے فون کیا کرتی اور ساتھ نصیحتیں بھی۔ صحت کا خیال رکھیں، زندگی کو انجوائے کریں، گھر سے باہر نکلیں، جوس پیا کریں، پھل کھائیں وغیرہ۔۔۔۔ وہ سب سنتا رہتا اور ساتھ مسکراہٹ بھی بکھیرتا۔
رات کو B.B.C دیکھنے کی عادت تو پہلے سے تھی اب اس میں C.N.N زیادہ شامل ہو گیا تھا۔ جب تک گھر میں وقت گزارتا ٹی۔ وی ہی دیکھتا رہتا۔ اچانک وہ بڑبڑایا۔
’’دنیا میں کیا کیا نہیں ہو رہا۔۔۔۔ ادھر ہم۔۔۔۔ اپنے ذاتی مسائل سے باہر نہیں نکلتے ‘‘
ایک روز گیتی کی نصیحت کے مطابق گلاس میں جوس ڈال رہا تھا کہ اطلاعی گھنٹی بجی۔ اور اس نے گلاس کو قریبی تپائی پہ رکھا پھر جا کر دروازہ کھولا۔
سامنے۔۔۔ رومی کھڑی تھی۔
یکسر بدلی ہوئی۔۔۔۔ نہ وہ رنگت رہی تھی۔۔۔۔ نہ رونق اور نہ بشاشت کا پتہ نشان تھا۔ بلکہ داغ دھبوں اور مہاسوں کی وجہ سے چہرہ نہ صرف بے کشش بلکہ کہ سیہہ ہو گیا تھا۔۔۔۔ یا شاید۔۔۔۔ اسے ہی ایسا محسوس ہو وہ بناء کچھ بولے اسے سوالیہ نگاہوں سے دیکھنے لگا (مجھے علم ہے کہ اس عرصے میں تم نے کیا کیا گل کھلائے ہیں )
اسے اس طرح خاموش پا کر آخر وہی بولی
’’ واپس آ گئی ہوں ناصر!‘‘
وہ۔۔۔۔ پھر بھی اسی طرح خاموش کھڑا رہا۔ رومی نے دوبارہ وہی فقرہ یوں کہا جیسے ناصر کو کوئی خوش خبری سنا رہی ہو۔
’’ میں۔۔۔۔ میں آ گئی ہوں۔۔۔۔ ناصر!‘‘
مگر۔۔۔۔
سادہ ورق چہرے کے ساتھ وہ ساکت بھی تھا۔
’’ناصر!‘‘
وہ پھر بھی چپ رہا۔
’’میں مانتی ہوں مجھ سے غلطی ہوئی‘‘
مگر۔۔۔۔ وہ۔۔۔۔ ہنوز چپ کی چادر کے کنارے بڑی سختی سے تھامے ہوئے تھا۔
’’I AM SORRY۔۔۔۔ ناصر!!‘‘
کہہ کر جوں ہی اس نے اندر قدم بڑھانا چاہا۔۔۔ ناصر نے آگے بڑھ کر دونوں ہاتھ پھیلا کر دروازے کی چوکھٹ پہ یوں رکھ دیئے گویا اندر آنے کا رستہ بند کر دیا ہو۔
’’ناصر۔۔۔۔!!‘‘ وہ کچھ نہ سمجھ سکی۔۔۔۔اور۔۔۔۔ پھر سے قدم اٹھایا ہی تھا کہ۔۔۔۔ اس نے مضبوطی سے تھامی ہوئی چادر کے کنارے ایک ہی جھٹکے میں چھوڑ دیئے۔
اور۔۔۔۔
پھر۔۔۔۔ وہ۔۔۔۔
بڑے ہی عجیب اور فیصلہ کُن لہجے میں کہہ رہا تھا۔
’’رومی بیگم! میں نے تو کبھی بچپن میں بھی آموختہ نہیں پڑھا۔۔۔۔ تو۔۔۔۔ پھر۔۔۔۔‘‘
کوثر صدیقی (بھوپال، بھارت)
کسی کا قُرب تو حاصل مجھے ضرور ہوا
میں اپنے آپ سے لیکن کچھ اور دُور ہوا
نظامِ عدل ابھی زندہ ہے، غنیمت ہے پس از سزا سہی، ثابت تو بے قصور ہوا
مجھے سنبھال، میں اک کانچ کا غبارہ ہوں
ذرا سی چُوک ہوئی اور چُور چُور ہوا
پرندہ وش مری فطرت نہیں ہے ہجرت کی
درخت ہوں میں اگر تو کوئی قصور ہوا؟
ذرا یہ باڑھ اُتر جائے پھر یہ دیکھتے ہیں
قریب کون رہا اور کون دُور ہوا
متاعِ غنچہ و گُل کے تو ہم بھی مالک تھے
کبھی یہ آپ نے دیکھا ہمیں غُرور ہوا
٭٭٭
ا کرام تبسم (لاہور)
صدائیں دیتے ہوئے، انتظار کرتے ہوئے
میں ڈوب ڈوب گیا اُس کو پار کرتے ہوئے
گناہ تم نے بھی آخر کبھی کیا ہو گا
یہ سوچ لینا ہمیں سنگ سار کرتے ہوئے
ہمارے خوں سے لکھا نوحۂ وفا اپنا
وہ مہربان ہوا بھی تو وار کرتے ہوئے
ہم اپنی وضع پہ کیوں اکتفا نہیں کرتے
بگاڑ لیتے ہیں خود کو سنگھار کرتے ہوئے
یہ طرزِ فکر بھی تُو نے سکھائی ہے مجھ کو
پڑا ہوں شک میں ترا اعتبار کرتے ہوئے
مری انا کو تبسمؔ بڑا مزہ آیا
ہوا کے گھوڑے پہ خود کو سوار کرتے ہوئے
٭٭٭
اختر رضا سلیمی (اسلام آباد)
اسی لئے تو ججھکتی ہے ہاتھ آتے ہوئے
دھنک نے دیکھ لیا تھا اُسے نہاتے ہوئے
خیالِ کوزہ گری پر لرز سا جاتا ہوں
میں آپ ٹُوٹ نہ جاؤں تجھے بناتے ہوئے
انہی نے کرنی ہے تنظیمِ گردشِ دوراں
جو ہاتھ کانپ رہے ہیں سبُو اٹھاتے ہوئے
نجانے کتنے گماں، کتنے خواب، کتنے یقیں
بھٹک گئے ہیں مجھے راستہ دکھاتے ہوئے
یہ رنگ و نُور کا قصہ وہیں ہوا آغاز
جب اُس نے دیکھا تھا مجھ کو، نظر چراتے ہوئے
نجانے کونسی گلیوں میں چھوڑ آیا ہوں
چراغ جَلتے ہوئے، خواب مسکراتے ہوئے
جھلس گئے ہیں رضاؔ سارے رنگ، سارے حروف
کسی بدن کے کھنک کو سخن بناتے ہوئے
٭٭٭
پروفیسر صدیق شاہد (شیخو پورہ)
طلب کی بات کروں، فیصلہ خرد کا ہے
خیال پر مجھے اس کے قبول ورد کا ہے !
نظر میں ہیچ ہیں جس کی وجاہتیں ساری
یہ شخص کون ہے، جو ایسے کاٹھ قد کا ہے !
بلند رکھنا علم زندگی کی قدروں کا
دو ٹوک حکم مجھے اپنے اب وجد کا ہے
قدم قدم ہے گرانی، ہے قصد قصد شکست
اور آدمی کے لیے یہ سفر ابد کا ہے
دراز دستوں کا یہ عہد بھی غضب ٹھہرا
قصور وار ہیں، لیکن نہ خوف زد کا ہے
اسیرِ زخم محبت تو وہ بھی ہے شاہدؔ
مگر سوال یہاں اپنی اپنی حد کا ہے
٭٭٭
خورشید انور رضوی (اسلام آباد)
دارِ غربت سے ملی شہرت دارا مجھ کو کیسا چمکا گیا قسمت کا ستارہ مجھ کو
بس نظر آنے لگا جونہی کنارہ مجھ کو
ایک تنکے نے ہی پھر پار اُتارا مجھ کو
یہ مری ہمتِ مردانہ، مرا خود پہ یقیں
ہر کڑے وقت دیا جس نے سہارا مجھ کو
جب تلک سانس چلے میں نے نہیں رُکنا ہے
وقت کے ہاتھ سے دیکھو گے نہ ہارا مجھ کو
عشق میں ہی نہیں ڈوبا مرا سرمایۂ جاں
ہر تجارت میں ہُوا خاصا خسارہ مجھ کو
اس قدر بھی نہ مرے لوگو! تغافل برتو
پھر کبھی دیکھ سکو گے نہ دوبارہ مجھ کو
وہ مرے پاس کبھی آئے تو جانوں اُس کو
کون ہے ؟ کس لئے کرتا ہے اشارہ مجھ کو
میں بھی کچھ سوچ سکوں جاتا ہے کس سمت مجھے
اتنی مہلت تو کبھی دے دو خدارا مجھ کو
٭٭٭
یٰسین بھٹی (بریڈ فورڈ، برطانیہ)
ہم کسی ہجر میں ڈوبیں تو اُبھر کر دیکھیں
پھر ترے شہر میں آئے ہیں بکھر کر دیکھیں
اک نہ اک روز جنوں لائے گا اُس پار کہ ہم
اپنے ہونے کی گواہی سے مکر کر دیکھیں
ہم نے پھر عکسِ تماشا کو بچا رکھا ہے
آئینے دیکھیں تو کچھ اور سنور کر دیکھیں
اپنی نظروں میں بچھا رکھا ہے منظر سارا
کس لئے پار سمندر کے اُتر کر دیکھیں
اِک نظر تجھ کو سرِ بزم سخن تو لائیں
اِک نظر تجھ کو کھلی آنکھ میں بھر کر دیکھیں
ظلمتِ خواب نے کب کس کو اُجاڑا یٰسین
شب جو آئی ہے تو پھر شب سے نہ ڈر کر دیکھیں
٭٭٭
پروفیسر زہیر کنجاہیؔ (راولپنڈی)
میں نے کہا کہ چھیڑ یہ کیوں ہو کبھی کبھار
اُس نے کہا کہ کُچھ بھی نہیں مَیں ہوں بے قرار
پھر وقت نے کہا کہ ادھر آ بھی جاؤ تُم
اُس نے کہا کہ وقت نہیں میں ہوں دِلفگار
چوبیس گھنٹے کیا ہیں کبھی آ کے یہ بتا
کہنے لگا کہ رات میں دن میں ہیں ایک بار
یہ تو بتاؤ زیست یہ کیسی ہے میرے یار
مطلب کے مارے یار ہیں جتنے ہیں بے شمار
سورج چڑھے کی پوجا میں کوئی نہیں وقار
میں نے کہا جو یار تُو اُس نے کہا نہ یار
یہ زیست کیا ہے یہ تو بتا اے مرے حبیب
اُس نے کہا کہ اتنا سمجھ لو ہے غم کی مار
پردہ اُٹھا ہے تیرے تقدس کا اے زہیرؔ
اُس نے کہا نقاب تو میں نے کیا غُبار
٭٭٭
ڈاکٹر سید رضی محمد (میر پور خاص)
میں اس لیے مایوسی گوارا نہیں کرتا اس رت میں خدا خواب اتارا نہیں کرتا
بس ذات کی عکاسی ہے پہچان کو کافی
میں خواہ مخواہ مجمع سے کنارا نہیں کرتا
جو حسن و صداقت کی ہو یکجائی کا قائل
وہ جھوٹ سے شعروں کو سنوارا نہیں کرتا
سوجاتا ہوں محروم بنا شعر میں اکثر
پر مانگے کی سوچوں پہ گزارا نہیں کرتا
ایسا بھی نہیں کہ نہیں کرتا میں خطائیں
اک بار جو کر لوں وہ دوبارہ نہیں کرتا
ہاں ہو گا، بہت ہو گا منافع کا یہ سودا
میں ایسی کوئی فصل اتارا نہیں کرتا
جس طرح خیال آپ کا اس دل نے کیا ہے اس طرح تو کوئی بھی ہمارا نہیں کرتا
یہ ہار ہے یا چال ہے آئندہ کی، کیوں کہ
ایسے رضیؔ آسانی سے ہارا نہیں کرتا
٭٭٭
ندیم ہاشمی (کراچی)
محبت میں کمی ہونے لگی ہے
یہ کیسی زندگی ہونے لگی ہے
ہر اِک ڈالی مہک لائی گُلوں کی
صبا جیسے سخی ہونے لگی ہے
دِلوں میں نُور کی منزل نہیں ہے
مُنافق بندگی ہونے لگی ہے
ابھی خود سے بچھڑ کے آ مِلا ہوں
کہ پھر سے آگہی ہونے لگی ہے
ترے ملنے کی ساعت ہے مقابل
عجب وارفتگی ہونے لگی ہے
بنے گا کیا سمجھ آتا نہیں ہے
وفا کیا ہاشمیؔ ہونے لگی ہے
٭٭٭
انجم جاوید (کراچی)
ترے بدن کی چمک ہے مری دعاؤں میں
کہ جیسے رنگ دھنک کے کھلی فضاؤں میں
تمہاری یاد بھی کن موسموں میں آئی ہے
غبارے چھوٹ گئے مدتو سے فضاؤں میں
تمہارے چہرے میں ہیں منعکس کئی چہرے
کہ ہم نے دیکھا ہے تم کو کئی قباؤں میں
وہ شہر آئی تو پہچان بھی نہ پائے ہم
کہاں وہ حسن جو تھا اس کا اپنے گاؤں میں
شریر بچوں نے تو صرف پھول توڑے تھے
بکھر گئی ہیں یہ کیوں تتلیاں ہواؤں میں
پہاڑ سر پہ ہے مثلِ کلاہِ شاہانہ
زمین سمٹی ہوئی ہے ہمارے پاؤں میں
٭٭٭
سیف الرحمن سیفی (کراچی)
کسی تدبیر کی وقعت نہیں ہے اگر جذبات میں شدت نہیں ہے
کہا تو نے ملیں گے اب نہیں ہم تری اس بات پر حیرت نہیں ہے
کسی بیمار کی پرسش کو جائیں مرے احباب کو فرصت نہیں ہے
میں اہل جبر سے دست و گریباں تمہیں اظہار کی جرأت نہیں ہے
خزانے بھوک کی دولت سے پُر ہیں ہمارے ملک میں غربت نہیں ہے
برہنہ سر کیے جاتا ہوں ماں کو!
ذرا اس شخص میں غیرت نہیں ہے
میسر ہے اُسے دولت جہاں کی!
نہیں حاصل تو بس عزت نہیں ہے
ہے اپنے چار سُو بارود سیفیؔ کوئی بچنے کی اب صورت نہیں ہے ٭٭٭
نثار ترابی (راولپنڈی)
درد کی لے کو عام کرتی ہے
چشمِ نم اہتمام کرتی ہے
میری یادوں کے گلستانوں میں
ایک خوشبو قیام کرتی ہے
رات کرتی ہے خواب کی حسرت
نیند اپنی حرام کرتی ہے
اس کے چہرے پہ جو ملاحت ہے
ایک عالم غلام کرتی ہے
آرزو عاشقی کے میلے میں
اپنا جیون تمام کرتی ہے
پھیل جاتی ہے چاندنی ہر سو
شاعری جب کلام کرتی ہے
٭٭٭
اسد بیگ (راولپنڈی)
پھول گلشن میں کھلا دے کوئی
اس کو مہمان بنا دے کوئی
روشنی درد بنتی جاتی ہے
اب چراغوں کو بجھا دے کوئی
غم کی آغوش میں خوشبو روئے
دیپ را ہوں میں جلا دے کوئی
پھر ستاروں سے گلہ کیا کرنا
جب تمنا ہی سلا دے کوئی
کاش ملنے پہ ہو نہ پابندی
کاش دیوار گرا دے کوئی
آنے والا اگر نہیں آتا
بام و در کیسے سجا دے کوئی
میں اسد آ گیا بہاروں میں
پھر سے دیوانہ بنا دے کوئی
٭٭٭
منظور ثاقب (فیصل آباد)
میں تیری یاد میں الجھا مقدمے کی طرح
مگر تو مجھ سے رہا دور فیصلے کی طرح
ترے جمال کا پر تو ردیف کی صورت
ترے خیال کا آہنگ قافیے کی طرح
ہیں دو خطوں کے مماثل مرے یہ روح و بدن
تو ان کے بیچ ہے موجود زاویئے کی طرح
ترے محیط میں حد سے میں بڑھ نہیں سکتا
تو میری ذات پہ حاوی ہے دائرے کی طرح
میں تیرے پیچھے پریشاں ہوں دھول کی مانند
تو میرے آگے قدم زن ہے قافلے کی طرح
تری ہی روح سمائی ہے مجھ میں ورنہ میں
بس ایک پانی کا قطرہ ہوں بلبلے کی طرح
ترا وجود تو دن کی طرح حقیقت ہے
پر اپنا آپ لگے مجھ کو واہمے کی طرح
٭٭٭
سمیع نوید (میانوالی )
نقوش نو میں بھی نقشِ زوال زندہ ہے
ابھی بھی یاد میں تیرا خیال زندہ ہے
ابھی سے پھول سے ہاتھوں میں ہاتھ مت ڈالو
ابھی تو ذہن میں پہلا ملال زندہ ہے
تمہارے وصل کے شاہکار مر گئے سارے
تمہارے ہجر کا ہر پائمال زندہ ہے
ابھی بھی جسم سلگتے ہیں تپتی ریتوں پر
ابھی بھی عشق میں رسمِ بلال زندہ ہے
میں اپنی ذات کا بے تاب سا مجاور ہوں
کہ اس مزار میں میرا کمال زندہ ہے
مجھے عدم میں اُترنے سے روک دیتا ہے
وہ اک یقین کہ تیرا جمال زندہ ہے
نوید عشق میں برسوں سے اک خموشی ہے
مگر گمان میں کوئی سوال زندہ ہے
٭٭٭
کانگریس ہاؤس
مراق مرزا (ممبئی، بھارت)
اُس کی منزل کانگریس ہاؤس تھی اور کانگریس بھارت کے ایک ایسے مہانگر میں واقع تھا جسے انسانوں کا سمندر اور جرائم کا جنگل بھی کہا جاتا ہے۔ ایک کمزور اور غیر واضح یقین نے اس کے دل میں امیدوں کا چراغ روشن کر دیا تھا۔ گو کہ گزشتہ کئی برسوں سے اس کے اطراف مایوسی و مغمومی کا گہرا اندھیرا چھایا تھا لیکن معاً ایک بالکل غیر متوقع طور پر جنم لینے والے اعتماد کی مشعل اس کے ہاتھ آ گئی تھی جس کے سہارے وہ یہ سوچنے لگی تھی کہ کانگریس ہاؤس پہنچ کر اس کی گم شدہ خوشیاں اس کی زندگی کی کھوئی ہوئی منزل اسے واپس مل جائے گی۔ اور اس کا یہ سوچنا کچھ غلط بھی نہ تھا۔ انسان کی تمام امیدیں، تمنائیں اور مستقبل کے منصوبے ایک مبہم یقین کی اساس پر ہی تو قائم رہتے ہیں۔ کل زندہ رہنے کا نا پختہ اعتماد اس کے آج کو روشن رکھتا ہے۔ صبح کی آمد کا ناقابل اعتبار یقین اسے رات میں سکون کی نیند بخشتا ہے۔
وہ خوبصورت تھی اور جوان بھی۔ حالانکہ ایک پانچ سالہ بیٹے کی ماں تھی مگر ماں بننے کے بعد آنے والی biological تبدیلی کا اس کے جسم یا چہرے پر کہیں کوئی عکس نمایاں نہ تھا لہٰذا وہ ہر زاویے سے کنواری ہی نظر آتی تھی۔ لمبے سیاہ بال، نشیلی آنکھیں اور گندمی رنگ، رب کائنات نے اسے نہایت پرکشش سراپا عطا کیا تھا۔ اس کی حقیقی عمر تیس بتیس کے آس پاس تھی لیکن سجاتا مشکل سے بیس بائیس برس کی دوشیزہ دکھائی پڑتی تھی۔ بناؤ سنگار سے اسے کوئی خاص دلچسپی نہ تھی۔ وہ زیادہ تر سادے قسم کا پنجابی سوٹ پہنا کرتی تھی اور اس کی سادگی میں بھی کچھ ایسی کشش تھی کہ کوئی ہوس پرست مرد اسے ایک نظر دیکھنے کے بعد اپنے اندر جنسی شرارے کی چبھن محسوس کر سکتا تھا۔
اس کے پاس ایک پتہ تھا۔۔۔ ’’کانگریس ہاؤس۔ بمبئی‘‘۔۔۔ اور اس پتے کے سہارے وہ کسی کی تلاش میں بمبئی آئی تھی۔ قریب چار برس قبل اس کی ایک انمول شے اس سے بچھڑ گئی تھی۔ کیا وہ انمول چیز اسے بمبئی کے کانگریس ہاؤس میں مل جائے گی؟ کیا وہ اپنی خوشیاں دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو پائے گی؟ ایسے کئی سوالات تھے جو اس وقت اس کے ذہن کی وادیوں میں گشت کر رہے تھے۔ وہ بمبئی سینٹرل کے علاقے میں واقع ایک گجراتی سماج دھرم شالہ کے چھوٹے سے کمرے میں بستر پر لیٹی کمرے کے خالی خلا میں تک رہی تھی جبکہ اس کی ساس کانتا دیوی اس کے قریب ہی دوسرے بستر پر گہری نیند سو رہی تھیں۔
پھر شاید اس کی سوچوں کا رخ بدلا اور اچانک اس کے ذہن کے افق پر آکاش کا چہرہ ابھرنے لگا۔ آکاش اس کا مجازی خدا تھا جس کے ساتھ کوئی چھ برس قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔ اس کی شادی میں اس کی اپنی مرضی کا کوئی دخل نہ تھا۔ اس کے پتا اور آکاش کے پتا کے درمیان یہ رشتہ طے ہوا تھا۔ شمالی ہندوستان کے متوسط الحال گھرانوں میں آج بھی زیادہ تر والدین ہی اپنے بچوں کی شادیاں طے کرتے ہیں اور یہ اس ملک کی قدیم تہذیب بھی ہے۔ سجاتا کی شادی تمام رسم و رواج کے ساتھ ہوئی تھی۔ ہلدی مہدی کی رسمیں، رتجگے کی رسمیں اور بھی بہت ساری چھوٹی موٹی رسمیں۔ چار پانچ دنوں تک گھر میں مسلسل گانے بجانے کا ماحول رہا تھا۔ اس کے پتا نے بڑے دھوم دھام سے اس کا بیاہ رچایا تھا اور حسب حیثیت جہیز بھی دیا تھا۔ گھر سے بدائی کے وقت اسے ماں کی یاد شدت سے آئی تھی مگر اسے یقین تھا کہ ماں اس دنیا کو چھوڑ کر جہاں کہیں بھی جا بسی ہے وہاں سے اسے سہاگ کے جوڑے میں دیکھ کر بہت خوش ہوئی ہو گی۔
سسرال آنے کے بعد اس کی زندگی میں ماں کی جو کمی تھی وہ بہت حد تک پوری ہو گئی تھی۔ اس نے ساس کے ذریعے ڈھائے جانے والے مظالم اور دہیز کی خاطر بہوؤں کو زندہ جلائے جانے کی بہت ساری کہانیاں سن رکھی تھیں مگر اس کے برعکس کانتا دیوی کے روپ میں اسے ایک بے حد مشفق اور پیار کرنے والی ساس ملی تھی جو اس کی ہر بات ہر ضرورت کا پورا خیال رکھتی تھی۔ اس کے سسر برج نارائن بھی نہایت نیک انسان تھے۔ قدرت کی مہربانیاں ہر قدم پر اس کے ہمراہ تھیں۔ جلد ہی اس کی گود بھی بھر گئی اور ایک پھو ل سے بچے کو جنم دیکر وہ مکمل طور پر عورت بن گئی۔ ہندوستانی سماج میں شادی کے بعد ایک عورت کی سب سے بڑی خواہش یہی تو ہوتی ہے کہ وہ ماں بنے اور ماں بننا اس کے لیے سب سے بڑا امتحان بھی ہوتا ہے۔ وہ اکثر اپنی قسمت پر ناز کرتی اور آسمان والے کا شکریہ ادا کرتی کہ اس نے اسے اتنا اچھا سسرال دیا ہے۔ شادی کے بعد ایک لڑکی کی پوری کائنات اس کے سسرال میں ہی سمٹ کر قید ہو جاتی ہے۔ سسرال کے لوگ اگر اچھے ہوئے تو زندگی جنت بن جاتی ہے اور اگر بدقسمتی سے سسرال برا ملا تو آگے کی پوری زندگی اک عذاب مسلسل میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ مگر سجاتا کی زندگی میں ہر طرف خوشیاں تھیں اور وہ ہر لحاظ سے خود کو مطمئن محسوس کرتی تھی۔ دوسری طرف کانتا دیوی اور برج نارائن بھی سجاتا پر فخر کرتے تھے۔ انکے لئے وہ ایک آدرش بہو تھی۔
کہتے ہیں خوشی کی عمر اکثر بڑی چھوٹی ہوتی ہے اور خاص طور سے ایسی خوشی جو غیر متوقع طور پر زندگی میں آئے اس پر تو کبھی اعتبار نہیں کرنا چاہیے کہ وہ کسی بھی وقت ساتھ چھوڑ سکتی ہے۔ سجاتا کو ملی خوشیاں بھی unexpected تھیں لہٰذا وہ زیادہ دنوں تک اس کے ہمراہ نہ رہ سکیں۔ اچانک اس پر ایک کڑوے سچ کا انکشاف ہوا جس نے ایک جھٹکے میں اس کی زندگی کے تمام رنگ چھین لئے اور اس کے دامن کو کبھی نہ ختم ہونے والے دکھوں سے بھر دیا۔ دراصل اس کا پتی ایک پوری طرح بگڑا ہوا انسان تھا۔ سگریٹ، شراب کے علاوہ وہ ڈرگس (Drugs) کا عادی بھی تھا۔ وہ بے روزگار تھا اور شادی کے بعد بھی اسے اپنی ذمہ داریوں کا کوئی احساس نہ تھا۔ سجاتا پر یہ حقیقت بہت دیر سے کھلی اور آج اسے اپنی تقدیر پر رونا آ رہا تھا۔ ایک ایسا آدمی جو اپنی بیوی اور بچے کے لئے چار پیسے کمانے کا ارادہ نہیں رکھتا، جسے حرام کی روٹی توڑنے کی عادت پڑ گئی ہے اور یہ کہ جو شرابی ہونے کے ساتھ ساتھ ڈرگس کا عادی بھی ہے اس کے ساتھ وہ پوری زندگی کیسے بتا سکتی ہے ؟! وہ اس بارے میں جتنا زیادہ سوچتی depression کی سطح اتنی تیزی سے بڑھتی چلی جاتی۔ پھر ایک دن اس نے اپنی ساس سے اس سلسلے میں بات کی۔
’’ماں جی، آپ کو تو پتہ تھا اپنے بیٹے کے چال چلن کے بارے میں، آپ نے اتنا بڑا سچ ہم سے چھپایا کیوں ؟ آپ لوگوں کا فرض تھا کہ اس بارے میں میرے پتا جی کو سب کچھ بتا دیتے !!
’’غلطی میری ہے بیٹی، آکاش کے پتا تو تمہارے پتا کو سب کچھ بتا دینا چاہتے تھے مگر میں نے ہی اُنہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا، اس ڈر سے کہ کہیں یہ رشتہ ٹوٹ نہ جائیں۔‘‘ یہ کہہ کر وہ ایک پل کے لئے رکیں۔ پھر قدرے ندامت بھرے لہجے میں بولیں۔ ’’جوانی میں بہت سے لڑکے بگڑ جاتے ہیں مگر شادی کے بعد اکثر انکی زندگیوں میں بدلاؤ آ جاتا ہے۔ ہم نے بھی یہ ہی سوچا تھا کہ بیاہ کے بعد آکاش سدھر جائے گا لیکن ہمارا سوچنا غلط ثابت ہوا۔ ہم تمہارے گنہگار ہیں بیٹی۔ ہماری طرف سے تم آزاد ہو، تم جو بھی فیصلہ چا ہو کر سکتی ہو!‘‘
’’میں اب کیا فیصلہ کر سکتی ہوں ماں جی!!‘‘ اس نے جذبات سے لبریز آواز میں جواب دیا۔ ’’میں ایک ایسے سماج کی لڑکی ہوں جس کی زندگی کا فیصلہ صرف ایک بار ہوتا ہے !! اور وہ فیصلہ وہ خود نہیں کرتی بلکہ اس کے ماتا پتا کرتے ہیں، سماج کرتا ہے !!میری زندگی کا فیصلہ تو ہو چکا ہے !! میں برباد ہو چکی ہوں !! آکاش کو چھوڑ کر میں دوسری شادی بھی تو نہیں کر سکتی!! اب تو جو کچھ ہوا اسے نصیب کا لکھا مان کر ساری زندگی بھوگنا پڑے گا!! ہمارے سماج میں لڑکی کے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوتا ہے ؟!! بولئے ماں جی، جواب دیجیے !!‘‘
اس کے جذبات اس کی آنکھوں سے چھلک پڑے اور وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ کانتا دیوی نے اسے اپنے سینے سے لپٹا لیا مگر وہ کچھ بولنے سے قاصر تھیں۔ وہ اپنے دفاع میں بول بھی کیا سکتی تھیں۔ سچ یہ تھا کہ وہ مجرم تھیں اور انھیں اپنے جرم کا احساس تھا۔ وہ خاموشی سے سجاتا کو اپنے سینے سے لپٹائے رہیں اور احساسِ جرم آنسو میں تبدیل ہو کر انکی آنکھوں کے دریچے سے دھیرے دھیرے نکلتا رہا۔
برج نارائن اور کانتا دیوی نے متعدد مرتبہ آکاش کو تنہائی میں بڑے پیار محبت سے سمجھانے کی کوشش کی تاہم انکی باتوں کا اس پر کوئی اثر نہ ہوا اور وہ اپنی زندگی اپنے انداز میں جیتا رہا۔پھر ایک دن اچانک برج نارائن کی زندگی کا سفر تمام ہو گیا اور ایک گھٹن بھری زندگی سے نجات پا کر وہ کسی اور عالم کے مسافر ہو گئے۔ پتا کی موت بھی آکاش کے کردار یا برتاؤ میں کسی قسم کی تبدیلی نہ لا سکی۔ اس کے برعکس وہ برج نارائن کو شمشان پہنچانے کے بعد خود کو پوری طرح آزاد محسوس کرنے لگا اور اب مزید دو برائیوں نے اسے اپنی گرفت میں لے لیا۔اب وہ جوا بھی کھیلنے لگا اور سستی جسم فروش لڑکیوں کے ساتھ راتیں بھی گزارنے لگا۔ سجاتا میں وہ پہلے سے ہی کوئی خاص دلچسپی نہیں لیتا تھا۔ اسے لگتا تھا وہ گھر کے کام کاج کے لئے لائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس کے آوارہ دوستوں نے یہ بات بھی اس کے ذہن میں بھر دی تھی کہ بیوی کے ساتھ بستر پر وہ مزہ نہیں آتا جو بازار کی لڑکیوں کے ساتھ آتا ہے۔ چنانچہ برج نارائن نقد کی شکل میں جو کچھ بھی چھوڑ گئے تھے وہ آکاش کی شراب اور عیاشی کی نذر ہونے لگا۔ باپ کے چھوڑے ہوئے پیسے ختم ہونے کے بعد سجاتا کے زیورات کی باری بھی آئی۔ چونکہ سجاتا کو نو عمری سے ہی گہنے وغیرہ پہننے کا کوئی شوق نہ تھا لہٰذا اس نے آکاش کی اس حرکت پر احتجاج کرنے سے گریز کیا۔
پتی کے اس طرح اچانک داغ مفارقت دے جانے کے بعد کانتا دیوی اندر سے بالکل ٹوٹ سی گئی تھیں۔ انکے گرد و نواح ایک دائمی اندھیرا چھا گیا تھا۔ دور دور تک روشنی کی کوئی کرن نظر نہ آتی تھی۔ اب وہ زیادہ تر اپنے کمرے کے ایک گوشے میں خاموش بیٹھی رہتیں۔ مانو وقت ان کے لئے تھم سا گیا ہو۔ اور ایک طرح سے انکی زندگی منجمد ہو بھی گئی تھی۔ برج نارائن کے چلے جانے کے بعد انکی زندگی میں رہ کیا گیا تھا۔ بیٹا آوارہ بد چلن تھا جس سے کوئی امید نہ تھی۔ بیٹی سمان بہو کی قسمت انکی وجہ سے پھوٹ گئی تھی۔ کبھی کبھی وہ سوچتیں کہ کاش وہ سجاتا کو اپنے گھر کی بہو بنا کر نہ لاتیں تو اچھا ہوتا، کم سے کم اس کی زندگی برباد ہونے سے تو بچ جاتی۔ آج وہ بے چاری انکی اپنی خود غرضی کی سزا بھگت رہی تھی۔ دراصل برج نارائن کی موت کا سبب بھی ان کا احساس پشیمانی ہی تھا۔ انہوں نے کانتا دیوی اور سجاتا کے درمیان ہوئی باتیں سن لی تھیں اور انھیں یہ جان کر شدید تکلیف پہنچی تھی کہ سجاتا انکے گھر میں خوش نہیں ہے۔ اسی صدمے نے انکی جان لی تھی۔
سجاتا حالات کے ایک ایسے بھنور میں پھنس چکی تھی جس سے نکلنا آسان نہ تھا۔ وہ آکاش کی طرح جاہل مطلق تو تھی نہیں۔ اس نے ہندی میڈم سے دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی تھی۔ لہٰذا زندگی سے وابستہ ذمہ داریوں کو بہت حد تک سمجھتی تھی اور یہی سبب تھا کہ اپنی تمام ذہنی اور نفسیاتی تکلیفوں کے باوجود وہ کانتا دیوی کا پورا خیال رکھتی تھی جس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اسے ہمیشہ انکے اندر اپنی ماں کا چہرہ نظر آتا تھا۔ انکے محبت اور شفقت بھرے بول میں اسے ہمیشہ اپنی ماں کی آواز سنائی دیتی تھی۔ اور آج وہ پتھر بن گئی تھیں۔ زندگی کے معنی بھول گئی تھیں۔ اب گھر میں ان کا وجود ایک سانس لینے والی مشین کی مانند تھا۔ ایسی حالت میں سجاتا کے سوا کون تھا جو انکی دیکھ بھال کر سکتا تھا۔ سجاتا ایک آدرش بہو کی طرح اپنا فرض بخوبی نبھا رہی تھی۔
اس کی قابل تحقیر بد اعمالی اور بد کرداری کے باوجود سجاتا چاہتی تھی کہ آکاش کسی طرح راہ راست پر آ جائے کہ وہ جیسا بھی تھا اس کی زندگی کا محور تھا اس کے بیٹے کا باپ تھا اور ایک طرح سے سماج میں اس کی شناخت تھا۔ شادی کے بعد ایک عورت پتی کے نام سے ہی تو پہچانی جاتی ہے لہٰذا اس نے اپنے طریقے سے اسے کئی بار زندگی کی حقیقتوں سے آگاہ کرنے کی سعی کی مگر وہ شاید اندر سے بے حس تھا۔ اس کا احساس پوری طرح مر چکا تھا اور اس میں کسی طرح کے بدلاؤ کی امید نہ تھی۔
انسان جب خود اپنی سوچ، کردار یا حالات بدلنے کی کوشش نہیں کرتا تو قدرت بھی اس کی کوئی مدد نہیں کرتی۔ آکاش نے اپنے لئے جو راستہ منتخب کیا تھا وہ سیدھا تباہی کی گہری کھائی کی طرف جاتا تھا۔ باپ کے چھوڑے ہوئے تھوڑے بہت پیسے اور بیوی کے زیورات اپنی عیاشیوں پر لٹانے کے بعد اب اس کی نگاہ اپنے آبائی مکان پر تھی۔ وہ اپنا مکان فروخت کرنے کا ارادہ بنا چکا تھا۔ جب یہ بات کانتا دیوی کو معلوم ہوئی تو انکے ذہنی کرب میں مزید اضافہ ہو گیا۔ ایک تو پہلے سے شوہر کے بچھڑ جانے کا غم انکے وجود پر حاوی تھا، بیٹے کا فکری طور پر اس حد تک گر جانا کہ اب وہ اپنے باپ کی نشانی، اپنا گھر بیچنا چاہتا تھا۔ انکے لئے کسی بڑے صدمے سے کم نہ تھا۔ مگر وہ کسی بھی حال میں آکاش کو ایسا کرنے نہیں دیں گی۔ انہوں نے دل ہی دل میں مضبوط ارادہ کر لیا تھا چنانچہ جب آکاش نے گھر فروخت کرنے کی ضد کی تو انہوں نے اس کے پتا کا وصیت نامہ نکال کر اس کے سامنے رکھ دیا۔ وصیت کے مطابق برج نارائن نے آکاش کو اپنی جائداد سے بے دخل کر دیا تھا اور اپنا مکان بہو اور پوتے کے نام کر دیا تھا۔ آکاش کے لئے یہ وصیت بالکل چونکانے والی تھی کہ اسے اس کی توقع نہ تھی مگر کانتا دیوی کی نظر میں برج نارائن کا فیصلہ بالکل جائز تھا۔
باپ کی وصیت سے متعلق جان کر آکاش ایک پل کے لیے بالکل سکتے میں آ گیا تھا۔ ایک عزت دار انسان کے لیے اس کا خاندانی مکان عزت و آبرو کی علامت ہوتا ہے۔ برج نارائن کو شاید یہ احساس ہو گیا تھا کہ اس کا بیٹا اس علامت کو مٹا دے گا لہٰذا موت سے کچھ دن قبل اس نے آکاش کو اپنی زندگی سے بے دخل کر کے اپنی عزت و آبرو کے نشان یعنی اپنے مکان کی طرف بڑھنے والے ہاتھ کاٹ دئے تھے۔اب آکاش بالکل بے بس تھا۔ مجبور تھا۔ دو ایک مرتبہ اس نے سجاتا کو ڈرا دھمکا کر مکان اپنے نام کروانے کی کوشش کی مگر سجاتا پر اس کی دھمکیوں کا کوئی اثر نہ ہوا۔ اور سچ تو یہ ہے کہ وہ آکاش کی دھمکیوں کے آگے جھک کر اپنے دیوتا سمان سسر کی آتما کو تکلیف پہنچانا نہیں چاہتی تھی۔ایک دو بار شراب کے نشے میں اس نے سجاتا پر ہاتھ بھی اٹھا دیا تھا جس کے نتیجے میں اسے حوالات کی ہوا کھانی پڑی تھی اور پولیس کی مار بھی۔ کانتا دیوی نے خود فون کر کے پولیس کو بلایا تھا اور اسے گرفتار کروایا تھا۔ کانتا دیوی اس سے اس حد تک عاجز آ چکی تھیں کہ اب اکثر انکے دل سے یہی بد دعا نکلتی تھی کہ بھگوان اسے اس دنیا سے اٹھا لے۔
دو دن لاک اپ میں رکھنے کے بعد پولیس نے اسے سخت انتباہ کے ساتھ چھوڑ دیا تھا۔ مگر کچھ ہی دنوں بعد وہی پولیس اسے ڈھونڈ رہی تھی۔ دراصل بازار کے ایک الیکٹرانک شاپ میں ڈکیتی ہوئی تھی اور ڈکیتی کی اس واردات کو آکاش اور اس کے دو آوارہ دوستوں نے مل کر انجام دیا تھا۔دونوں دوست پولیس کے ہتھے چڑھ گئے تھے اور اب پولیس کو آکاش کی تلاش تھی کیوں کہ آکاش ہی اس ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ پولیس والے اس کی تلاش میں کئی بار اس کے گھر بھی آئے لیکن ناکامی ہی انکے ہاتھ لگی کیوں کہ آکاش شہر سے فرار ہو چکا تھا۔
اس واقعہ کو ہوئے قریب چار برس گزر گئے۔ آکاش پلٹ کر واپس اپنے شہر یا گھر کبھی نہیں آیا۔شاید پولیس کے خوف نے اسے شہر بدر ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔ کوئی دو ماہ قبل سجاتا کو اپنے محلے کے ایک نوجوان محمد بشیر کے ذریعے معلوم ہوا کہ آکاش بمبئی میں ہے اور یہ کہ وہ کانگریس ہاؤس میں کام کرتا ہے۔ محمد بشیر چھ مہینے بمبئی میں ملازمت کرنے کے بعد اپنے شہر لوٹا تھا۔آکاش سے اتفاقاً اس کی ملاقات چوپائی پر ہوئی تھی تبھی اس نے بتایا تھا کہ وہ کانگریس ہاؤ س میں نوکری کرتا ہے۔
مگر آکاش تو ایک مفرور مجرم ہے۔ کیا محمد بشیر کو اس نے اپنا صحیح پتہ بتایا ہو گا؟۔ سجاتا کے ذہن میں یہ سوال بھی ابھرا تھا مگر فوراً ہی اس نے اس سوال کا جواب ڈھونڈ لیا تھا۔ممکن ہے اس نے سوچا ہو کہ چار سال کی مدت طویل ہوتی ہے۔ پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف جو ڈکیتی کا مقدمہ درج ہوا تھا وہ شاید ٹھنڈا پڑ گیا ہو یا اس کیس میں اس کے دوستوں کو سزا لگ گئی ہو۔اور ہوا بھی کچھ ایسا ہی تھا۔ اس کے دونوں دوست جو پکڑے گئے تھے انہیں چھ سال قید با مشقت کی سزا ہوئی تھی اور اس وقت وہ جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے تھے۔ اس کے علاوہ اس پولیس افسر کا تبادلہ بھی ہو گیا تھا جو اس کیس کا انچارج تھا۔ آکاش چونکہ پیشہ ور مجرم نہیں تھا لہٰذا پولیس اسے فرار گھوشت کر کے اس کا نام بھول گئی۔
کانتا دیوی کے لیے اب یہ اطلاع کہ آکاش بمبئی میں ہے، تقریباً بے معنی تھی۔ یہ خبر سن کر نہ انکے چہرے پر خوشی کا کوئی عکس ابھرا نہ ہی انہوں نے کسی طرح کے رد عمل کا اظہار کیا بلکہ خاموشی سے اپنے کمرے میں چلی گئیں گویا آکاش کا ہونا یا نہ ہونا اب انکی زندگی میں کچھ مطلب نہیں رکھتا۔ انہوں نے اپنے آپ کو اندر سے بے حد مضبوط کر لیا تھا اور آکاش ایک طرح سے انکے لیے مر چکا تھا۔ مگر سجاتا کے دل میں آج بھی کہیں نہ کہیں اس کے لئے ایک نرم گوشہ موجود تھا۔ وہ ہزار برا تھا مگر اس کا سہاگ تھا اس کی پہچان تھا۔ اس کے بغیر سجاتا خود کو اندر ہی اندر ادھورا محسوس کرتی تھی لہٰذا اس نے فیصلہ کیا کہ وہ بمبئی جائے گی اور اپنے پتی کو تلاش کر کے واپس لائے گی۔ گھر پریوار سے اتنے دنوں دور رہنے کے بعد اور پردیس میں وقت کی ٹھوکر کھانے کے بعد یہ بھی تو ممکن ہے کہ وہ اب سدھر گیا ہو۔ اس نے دل ہی دل میں سوچا پھر اپنی ساس کو بھی بمبئی چلنے کے لیے راضی کیا اور بیٹے روہیت کو اپنے پتا کے پاس چھوڑ کر اپنی منزل کی تلاش میں نکل پڑی۔
وہ بستر پر دراز بیتے ہوئے کل کے اوراق پلٹتی رہی اور رات اپنی مسافت طے کر کے کب گزر گئی اسے پتہ ہی نہیں چلا۔ دھرم شالہ کے سامنے کے احاطے میں واقع مندر میں صبح کی آرتی شروع ہو گئی تھی۔ آرتی کی آواز اس کی سماعت سے ٹکرائی تو اس کے خیالات کا تسلسل ٹوٹ گیا اور وہ بستر سے اٹھ کر باتھ روم کی طرف چلی گئی۔
کل قریب ڈھائی بجے دن میں وہ بمبئی سینٹرل اسٹیشن پر اپنی ساس کے ہمراہ اتری تھی۔ گجراتی سماج دھرم شالہ کا پتہ اس کے پاس پہلے سے تھا جو اسے اپنے ہی شہر میں کسی نے دیا تھا۔ اسٹیشن سے باہر نکل کر اس نے ایک ٹیکسی والے سے دھرم شالہ کا پتہ دریافت کیا تو اس نے بتایا کہ وہ اس دھرم شالہ سے واقف ہے لہٰذا وہ اپنی ساس کے ساتھ اس ٹیکسی میں بیٹھ گئی اور ٹیکسی والے نے اسے دھرم شالہ پہنچا دیا۔
راستے میں بات چیت کے دوران جب سجاتا کو پتہ چلا کہ ٹیکسی ڈرائیور کا تعلق اس کے اپنے صوبے سے ہے تو اسے اس ڈرائیور میں کوئی اپنا سا محسوس ہونے لگا لہٰذا اس نے اپنے بمبئی آنے کا مقصد اس ڈرائیور کو بتا دیا۔ وہ ڈرائیور گزشتہ کئی برسوں سے بمبئی میں ٹیکسی چلا رہا تھا اور کانگریس ہاؤس کے علاقے سے بھی اچھی طرح واقف تھا۔ اس نے سجاتا کو یقین دلایا تھا کہ وہ اس کے پتی کو تلاش کرنے میں اس کی مدد ضرور کرے گا۔ ٹیکسی والے کی طرف سے ملی یقین دہانی کے بعد وہ اندر سے بے حد پر امید ہو گئی تھی۔ اسے اپنی منزل بہت قریب دکھائی دے رہی تھی۔ یہ سوچ کر کہ کانگریس ہاؤس یقیناً کانگریس پارٹی کا کوئی بڑا دفتر ہو گا جہاں اس کا شوہر ملازمت کرتا ہے، سجاتا خوش تھی کہ اب آکاش بدل گیا ہے۔ اس دلیل پر تو اس نے اپنی ساس کو بمبئی آنے کے لیے رضا مند کیا تھا۔
دن کے قریب بارہ بج رہے تھے۔ وہ دھرم شالہ کے کشادہ Reception hall میں بیٹھی ٹیکسی ڈرائیور کا انتظار کر رہی تھی۔ سفر کی تھکاوٹ کے باعث کانتا دیوی کو ہلکا بخار آ گیا تھا چنانچہ وہ بخار کی گولی کھا کر کمرے میں آرام کر رہی تھیں۔ تھوڑے انتظار کے بعد ٹیکسی ڈرائیور اپنے وعدے کے مطابق وارد ہوا اور سجاتا کو ہمراہ لیکر کانگریس ہاؤس کے لیے روانہ ہو گیا۔
کوئی آدھا گھنٹہ بعد وہ دونوں کانگریس ہاؤس پہنچ گئے تھے۔ اور اس وقت سجاتا ایک چھوٹے سے نیم تاریک کمرے میں تنہا بیٹھی تھی۔ ٹیکسی ڈرائیور اسے یہاں بیٹھا گیا تھا۔ تھوڑے وقفے کے بعد ایک موٹی سی درمیانہ قد کی عورت کمرے میں داخل ہوئی جسے دیکھ کر سجاتا قدرے نروس ہو گئی۔ اس کا حلیہ ہی کچھ ایسا تھا۔ اس نے گھٹیا قسم کی رنگین ساڑی پہن رکھی تھی۔ تیل لگے ہوئے بالوں میں موٹا سا گجرا بندھا ہوا تھا اور پان اس طرح چبا رہی تھی گویا لڑکیوں کا دھندہ چلانے والی کوٹھے کی دلالہ ہو۔ اس کے وجود سے ایک عجیب سی بدبو آ رہی تھی اور سچ یہی تھا کہ وہ رنڈیوں کی دلالہ تھی۔
بمبئی کا کانگریس ہاؤس ڈریم لینڈ سنما کے پیچھے کی طرف واقع ہے اور یہ کسی سیاسی پارٹی کا دفتر نہیں ہے بلکہ کئی دہائیوں سے یہاں طوائفیں آباد ہیں۔ شاید یہ آزادی سے قبل کی بلڈنگ ہے جس کی اپنی ایک تاریخ ہے۔ ماضی میں یہ جگہ مجرا کے لئے مشہور تھی۔ یہاں کے کچھ کمروں میں آج بھی مجرا ہوتا ہے مگر فلمی گانوں پر۔ کچھ طوائفیں فلمی گانوں پر ماڈرن ڈانس کر کے اپنی روزی روٹی کماتی ہیں لیکن زیادہ تر لڑکیاں جسم کے بیو پار میں اتر چکی ہیں۔ٹیکسی ڈرائیور سجاتا کو پچیس ہزار روپے میں بیچ کر فرار ہو چکا تھا اور دلالہ اس وقت اسے زندگی کی ایک نئی حقیقت سے روشناس کر ا رہی تھی۔
’’گھبرا نکو پُوٹی! میں تیری اماں ! آج سے تو اِدَرچ رہیں گی، میرے کنے !! تو اپنے مرد کو ڈھونڈنے بمبئی آئی نا، اِدھر تیرے کو ہر رات دو دو تین تین مرداں کے ساتھ سونے کو ملیں گا!!‘‘۔
’’ کیا بکواس کر رہی ہیں آپ!! وہ ٹیکسی والا کہاں گیا؟!!‘‘
چلا نکو پوٹی!! وہ بھاڑ کھاؤ تو اپنی قیمت لے کے کب کا کلٹی ہو گیا!! اب تو اس کانگریس ہاؤس کی نئی رنڈی ہے !! نئی رنڈی بولے تو تازہ مال!! پورے پچیس ہزار میں تیرے کو خریدا ہے میں نے !!
یہ سن کر سجاتا کو یوں لگا جیسے اچانک کسی نے اسے ایک بڑے سے اگنی کُنڈ میں پھینک دیا ہوا اور اس کا پورا وجود بھڑکتی ہوئی آگ کی لپیٹ میں آ گیا ہو مگر دوسرے ہی پل اس نے ذہنی طور پر خود کو مضبوط کیا اور برق رفتاری سے اٹھ کر دلالہ کو زور کا دھکا دیکر دروازے کی طرف بھاگ نکلی لیکن یہاں سے بھاگنا آسان نہ تھا۔دروازے پر ایک لمبا چوڑا، شکل و صورت سے بے حد خطرناک نظر آنے والا آدمی پہلے سے موجود تھا، جس نے اسے دبوچ لیا۔ وہ اس کی بانہوں میں کسمساتی رہی اور خود کو اس کی گرفت سے آزاد کرنے کی کوشش کر تی رہی۔ اس نے مدد کے لئے چیخ و پکار بھی کی لیکن اس کانگریس ہاؤس میں اس کی آواز سننے والا کوئی نہ تھا۔ پھر اس پہلوان نما شخص نے ایک زور دار تھپڑاس کے گال پر مارا اور وہ دور بستر پر جا گری۔ آگے بڑھ کر دلالہ نے بھی دو چار زناٹے دار طمانچے اس کے گال پر جڑ دیے۔ پھر غضبناک آواز میں پہلوان نما شخص سے مخاطب ہوئی۔
’’یہ حرام کی جنی آسانی سے دھندے پر بیٹھنے والی نہیں ہے !! اس کا چیر ہرن پہلے تیرے کو کرنا پڑیں گا!! تو ایک کام کر، دو تین گھنٹے جم کر اس پر اپنی مردانگی دکھا، تب جا کر یہ ماٹی میلی ٹھیک ڈھنگ سے رنڈی بنے گی!!‘‘
یہ کہہ کہ دلالہ کمرے سے باہر چلی گئی۔ پہلوان سجاتا کی طرف دھیرے دھیرے بڑھنے لگا۔ سجاتا کی سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا۔ اس کی آبرو خطرے میں تھی۔ کمرے میں کوئی کھڑکی بھی نہ تھی جس سے کود کر وہ اپنی جان دیکر عزت بچا پاتی۔ پہلوان سے کسی طرح کے رحم کی امید نہ تھی۔ چند ہی منٹ میں وہ ایک پاک دامن عورت سے رنڈی بنا دی جائے گی۔ یہ سوچ کر اس کا پورا وجود اندر سے لرز اٹھا۔
پہلوان پوری طاقت سے اس پر سوار ہو چکا تھا اور سجاتا اپنا تقدس کھونے ہی والی تھی کہ اچانک کسی نے ایک زور دار گھونسا پہلوان کے سر پر مارا۔ پہلوان گھونسے کی تاب نہ لا سکا۔ وہ لڑھک کر ایک طرف گرا اور بے ہوش ہو گیا۔ ایک گھونسے میں پہلوان کو دھول چٹانے والا یہ شخص کانگریس ہاؤس کا خطرناک غنڈہ اور سب سے بڑا دلال تھا۔ سجاتا تیزی سے اٹھ کر خود کو سنبھالنے لگی۔ اتنے میں دلالہ آ دھمکی اور اس غنڈے سے مخاطب ہوئی۔
’’کیا ارادہ ہے میاں ؟! پچیس ہزار کا مال ہے یہ!! اگر اس پر تمہارا دل آ گیا ہے تو تم اِچ کاٹ دو ربن اس پوٹی کا!! میرے کو تو اسے اس کانگریس ہاؤس کی ٹاپ کی رنڈی بنانےسے مطلب ہے !!‘‘
’’اسے یہاں سے جانے دو!‘‘ یہ کہہ کہ یہ غنڈہ جو بھگوان کرشن کے روپ میں سجاتا کی آبرو بچانے کے لئے وارد ہوا تھا، تیز قدموں سے کمرے کے باہر نکل گیا۔ اس کی آواز پر چونک کر جب سجاتا نے اسے کمرے سے باہر جاتے ہوئے دیکھا تو وہ ایک دم سے سناٹے میں آ گئی۔ وہ اپنی آنکھوں پر بھروسہ نہیں کر پا رہی تھی۔ راون کی گرفت سے اسے نجات دلانے والا یہ رام دراصل اس کا غیر واضح یقین تھا جس کی تلاش میں وہ بمبئی آئی تھی!
٭٭
ضمیر کے بندھن روحی فرخ ( کینیڈا )
چوڑیوں کی کھنکھناہٹ کے ساتھ ہی ایک بلند قہقہہ کوریڈور میں گونجا۔
برتن دھوتے ہاتھ ایک لمحے کو روک کے، فریدہ نے باورچی خانے کی کھڑکی کے پردے کی جھری سے باہر جھانکا۔یاسمین ایک ہاتھ میں ڈھیروں شاپنگ بیگس سنبھالے، دوسرے ہاتھ سے فلیٹ کا لاک کھولنے کی کوشش میں مصروف تھی۔ایک کان کے نیچے سیل فون دبائے وہ نہ جانے کس سے باتوں میں مگن تھی اور بات بات پر زور زور سے ہنس رہی تھی۔اس گرمی میں اس نے چیختے ہوئے سرخ رنگ کے پرنٹڈ لان کے سوٹ کے ساتھ میچنگ جیولری اور میک اپ کا حسب معمول خاصا جی بھر کے اہتمام کیا ہوا تھا۔چُنا ہوا دوپٹا گلے میں جھول رہا تھا اور تازہ تازہ شیمپو کئے بال گالوں پر بکھرے تھے۔اس کا چہرا کچھ دھوپ کی تمازت اور کچھ اس خوشی سے تمتما رہا تھ اجو اس کے اندر بھری تھی۔
پردے کو برابر کرتے ہوئے اس نے حسب عادت ایک ٹھنڈی سانس بھری اور باقی کے برتن جلدی جلدی نمٹاتے ہوئے ایک نظر دیوار پر لگی گھڑی پر ڈالی۔اُف، بارہ بج گئے، ابھی تو ڈھیر سا کام باقی تھا۔دو بجے بچیاں ا سکول سے آتے ہی کھانا مانگیں گی۔اس کے ہاتھ تو تیزی سے چل رہے تھے، مگر ذہن یاسمین میں ہی اٹکا ہوا تھا۔اللہ کی بندی، جو کبھی نک سک کے بغیر نظر آ جائے۔شکل و صورت تو خدا کی بنائی ہوئی جیسی بھی تھی مگر اس پر لیپا پوتی کچھ اس کاریگری سے کرتی کہ جون ہی بدل جاتی۔آئے دن نت نئے فیشن کے کپڑے اور زیور اس کی شخصیت میں جیسے جادو بھر دیتے۔اپنی عمر سے کم از کم پانچ چھ سال کم نظر آنے والی یاسمین دو مرتبہ کی طلا ق یافتہ تھی۔وہ ان عورتوں میں سے تھی جن کے لئے شادی اور بچے ایک نہ سمجھ میں آنے والا معمہ ہوتے ہیں کہ لاکھ کوشش کر لو مگر نہیں سلجھتا۔دو مرتبہ اپنی دانست میں شادی کرنے اور نبھانے کی پر خلوص کوشش کرنے کے بعد اس نے اس باب کو ہمیشہ کے لئے بند کر دیا تھا۔اکیلی اس فلیٹ میں رہتی اور اپنے گھر کے دروازے ہر اس دوست کے لئے کھلے رکھتی جس کے پاس دل اور پیسہ دونوں ہوں۔اس کے بقول شرافت اور حیا نامی چیزیں گولی مار دینے کے قابل تھیں۔جن کا کوئی مول نہ ہو، وہ ساری باتیں اس کے نزدیک اسی سلوک کی مستحق تھیں۔خوش رہو اور کھاؤ پیؤ، عیش کرو، اس کی زندگی کے زریں اصول تھے جن پر وہ دل و جان سے کار بند تھی۔
دروازے پر ہوتی دستک نے اس کے خیالات کا تانا توڑا۔صافی سے ہاتھ صاف کرتے ہوئے اس نے دروازہ کھولا تو وہی سامنے کھڑی تھی۔
’’لو بھئی، ایسی مزیدار ربڑی لائی ہوں کہ کیا یاد کرو گی ‘‘ہاتھ میں پکڑی تھیلی اس کے ہاتھ میں منتقل کرتے ہوئے، یاسمین نے بڑی خوشدلی سے کہا ’’آج بازار گئی تو سوچا کہ بچیوں کے لئے لے لوں، انہیں بہت پسند ہے نا‘‘
اب اس کے بعد اس کو اندر آنے کو کیسے نہ کہا جاتا۔کچھ بھی ہو، غریب دل کی بری نہیں تھی۔آئے دن اس کے گھر کچھ نہ کچھ لئے چلی آتی۔اس کے لئے دئیے اور بادل نہ خواستہ روئیے کا اس پر رتی برابر اثر نہ ہوتا۔نہ جانے کس چکنی مٹی کی بنی تھی کہ ہر بات اس پر سے پانی کی طرح پھسل جاتی۔اسے زمانے کی پرواہ نہیں تھی، مگر فرخندہ کے لئے ایسا کرنا ممکن نہیں تھا۔وہ بیوہ تھی اور اس پہ ستم جوان تھی۔اپنے خول میں بند پھونک پھونک کے قدم نہ رکھتی، تو یہی زمانہ اسے کھا جاتا جو ابھی جی بھر کے رحم اور ترس اس کی جھولی میں ڈال رہا تھا۔وہ جانتی تھی کہ یاسمین جیسی عورت سے بات چیت، اور میل ملاقات دنیا کے نزدیک نا پسندیدہ ہے، مگر جو گھر میں گھس آئے، اس کا کوئی کیا کرے ؟
’’ہیں ! ابھی بچیاں ا سکول سے نہیں آئیں ؟ آئے ہائے میرا دماغ، کبھی جو یاد رہ جائے کہ دو بجے آتی ہیں ‘‘اس نے ماتھے پر ہاتھ مار کر حسب معمول بلند قہقہہ لگایا۔اب اس میں اتنے زور سے ہنسنے کی کیا بات تھی۔فرخندہ نے گھبرا کر کھڑکی بند کی۔لو بھلا، میرے گھر سے اتنے زور سے ہنسنے کی آواز باہر گئی ہو گی، لوگ کیا سوچیں گے ؟اس،’’لوگ کیا سوچیں گے ‘‘ جیسے اس کے جسم اور ذہن کے روئیں روئیں کو جکڑ رکھا تھا۔
’’کیا ہوا بھئی، کھڑکی کیوں بند کر دی اتنی گرمی میں ؟اور یہ گھر کے اندر اتنی بڑی چادر کا بکل مارے کیوں پھر رہی ہو آخر؟ایک آدھ ٹھنڈی ہوا کا جھونکا تو رہنے دو اپنے نصیب میں، یا اس پر بھی پابندی ہے ؟‘‘
جب تک وہ اس کے لئے چائے بنا کر لائی، وہ اپنے سینڈلس میں جکڑے پاؤں آزاد کر کے، صوفے پر آلتی پالتی مار کر بیٹھ چکی تھی۔
’’کیوں گھن لگا رہی ہو اپنی صحت اور جوانی کو یوں کڑھ کڑھ کر‘‘ چائے پیتے ہوئے اس نے بات آگے بڑھائی۔’’ذرا باہر نکل جایا کرو، دھوپ اور تازہ ہوا لگے گی تو جو یہ مسکینیت طاری کر رکھی ہے نا تم نے اپنے اوپر، سب بھاپ بن کر اڑ جائے گی۔دنیا میں نکلنا، لوگوں سے ملنا، بات کرنا تو کوئی گناہ نہیں ہے۔اس دس گز کی چادر کے خول سے باہر آؤ تو تمہیں پتا چلے کہ زندگی کتنی خوبصورت چیز ہے۔جو گزر گئے ان کے پیچھے مر تو نہیں جاتے۔تم اب بھی لاکھوں میں ایک ہو۔ذرا سا اپنا خیال کر لینے میں کیا حرج ہے ؟ہنسنے بولنے میں تو کوئی برائی نہیں، خوشی پر تو سب کا حق ہے، ہے کہ نہیں ؟‘‘
وہ بولے گئی اور فریدہ چپ چاپ سنتی گئی۔پتا نہیں کیوں اس کی یہ نصیحتیں، اب اسے بری نہیں لگتی تھیں۔شائد اس لئے کہ اور سب کی طرح وہ اس پر ترس نہیں کھاتی تھی۔رحم کی بارش نہیں برساتی تھی بلکہ کچھ ایسا کہتی تھی جو اس سے اور کوئی نہیں کہتا تھا۔اس کے تو اپنے بھی اس کو یوں بے حال دیکھ کر کبھی نہیں ٹوکتے تھے۔کسی کے دل میں اس کی اجڑی صورت اور بکھرے بال دیکھ کر ہوک نہیں اٹھتی تھی۔کوئی اس کی ویران آنکھوں میں جھانک کر یہ نہیں کہتا تھا کہ خوش رہا کرو۔سب جیسے اپنی اپنی جگہ خوش اور مطمئن تھے کہ ایک بیوہ کے فرائض وہ بحسن و خوبی نبھا رہی ہے۔
وہ، جس نے اپنی نو عمری کے انمول سال ایک ایسی ماں کی کڑی آنکھوں کے سائے تلے گزارے تھے، جس کے نزدیک عورت کے لئے آنکھ کی حیا، اور دل کی پاکیزگی سے بڑھ کر کوئی زیور نہیں تھا۔جس سے اس نے صرف اور صرف اپنے شوہر کو اپنی روح اور جسم کا مالک سمجھنے کا درس پایا تھا۔جسے کہیں باہر تو کیا، اپنے خاندان کے لڑکوں سے بھی بلا ضرورت بات کرنے کی عادت نہیں تھی۔جس کا اپنی ہم عمر اور ہم جماعت لڑکیوں کی طرح کسی سے کوئی افیئر نہیں چلا، جس نے کسی کو خط نہیں لکھے، کسی سے چھپ چھپ کر ملاقاتیں نہیں کیں، جو نیک اور شریف لڑکیوں کی طرح خاموشی سے اپنے ہونے والے جیون ساتھی کا انتظار کرتی رہی، اسے اپنی اس ساری تپسیا کا صلہ بائیس سال کی عمر میں، پینتیس سال کے آفاق کی صورت میں ملا، جسے اس نے فرمانبردار، مشرقی بیٹی کی طرح سر جھکا کر قبول کر لیا تھا۔اتنے فرق پہ بھی لوگ ایک عمر ساتھ گزارتے ہیں، لیکن فریدہ کی بدقسمتی کہ شوہر کو آنا فانا ایک موذی مرض نے گھیر لیا اور وہ وقت سے پہلے ہی دو بچیاں اس کے حوالے کر کے چل بسے۔اس کے بعد سے بیوگی کے دن، وہ زندگی کی ہر خوشی اور امنگ سے منہ پھیر کے گزارے جا رہی تھی، کہ مرحومہ ماں کی تربیت اور گھٹی میں پڑی شرافت کا یہی تقاضہ تھا، لیکن اب یاسمین کی باتوں نے گویا اس کی ٹھہری ہوئی ساکت زندگی میں ارتعاش پیدا کر دیا تھا۔
اس دن اور اگلے کئی دن وہ باتیں اس کے دل و دماغ میں گونجتی رہیں۔واقعی کیا حرج تھا اگر وہ کچھ اپنا خیال کر لے۔کوئی اچھا رنگ پہن لے۔کسی کا کیا بگڑے گا اگر وہ تھوڑا سا ہنس لے، کچھ خوش ہو جائے۔
اس دن اس نے نہا دھو کر ایک ایسا جوڑا پہنا، جس کو ’’بیوگی کے معیار کے مطابق‘‘ وہ عرصہ ہوا، متروک قرار دے چکی تھی۔ہلکے گلابی رنگ کے اس جوڑے کا سب سے بڑا قصور یہ تھا کہ اس پہ جچتا بہت تھا۔آئینے میں سے جھانکتا اس کا عکس یاسمین کی باتوں کی تائید کر رہا تھا۔واقعی وہ اب بھی دیکھنے کے قابل تھی۔اتنے عرصے کی سوگواریت نے اس کا کچھ نہیں بگاڑا تھا۔اپنے گھنے بالوں اور نکھری رنگت کے ساتھ وہ کہیں سے دو بچوں کی ماں نہیں لگ رہی تھی۔اسنے فلیٹ کی بالکونی سے باہر جھانکا تو ایک سنہرا خوبصورت دن اسے باہر بلانے لگا۔
بازار کا کوئی خاص کام نہ ہوتے ہوئے بھی وہ باہر نکل آئی۔آج وہ خو ش تھی۔فضا خوبصورت اور ہوا خوشگوار تھی۔گلابی جوڑے میں اس کا چہر ہ کھل رہا تھا۔چادر ہوا کے جھونکوں سے سر سے سرک کر کاندھوں پر آ گری تھی۔چمکیلے بالوں کی لٹیں، جوڑے کی قید سے نکل کر اس کے گالوں پر بکھر رہی تھیں۔اسے احساس بھی نہ ہوا اور وہ چلتے چلتے اپنے محلے سے خاصی دور نکل آئی۔بازار لوگوں سے بھرے ہوئے تھے۔ہر کوئی اپنے آپ میں مگن تھا۔اجنبی چہروں اور انجان راستوں پہ آ کے جیسے اسے طمانیت سی ہوئی۔یہاں کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ ایک بدنصیب بیوہ ہے۔اسے یہاں کسی سے ہمدردی اور ترس کی بھیک ملنے کا خدشہ نہیں تھا، اس بات نے اسے نہ جانے کیوں ایک عجیب سا اطمینان بخشا۔آج اس کے کندھے لاچارگی کے بوجھ سے جھکے ہوئے نہیں تھے۔آنکھیں زمین پر نہیں گڑی تھیں۔وہ لوگوں کی نظروں سے نظریں ملا سکتی تھی اور ان نظروں میں اپنے لئے ستائش دیکھ سکتی تھی۔دنیا جیسے بدلی ہوئی تھی اور اس بدلی ہوئی دنیا نے اسے وہ خود اعتمادی لوٹا دی تھی جسے اسنے شوہر کے مرنے کے ساتھ ہی کھو دیا تھا۔
نہ جانے چھوٹی چھوٹی چیزیں خریدنے میں کتنا وقت گزر گیا تھا جب اسے پہلی بار احساس ہوا کہ کوئی ہے جو اس کے ساتھ ساتھ ہے۔ایک آدھ بار کوئی چیز دیکھنے کے بہانے اسنے رک کر کن انکھیوں سے اس پہ ایک نظر ڈالی۔سیاہ قمیض شلوار میں ملبوس اپنے اونچے قد کے ساتھ نمایاں، کون تھا وہ؟اس کا چہرہ جانا پہچانا سا تھا۔۔۔کون؟کون؟چلتے چلتے اس نے اپنے آپ سے پوچھا۔آخر اسے یاد آ گیا۔کئی بار بلڈنگ میں آتے جاتے فریدہ سے اس کی مڈھ بھیڑ ہوئی تھی۔وہاں کسی سے اس کی رشتے داری تھی شائد۔اس دو لمحے کے آمنے سامنے میں، اس کی نظریں اور اطوار اس کے عاشق مزاج اور دل پھینک ہونے کا بھرپور ثبوت دیتے۔۔آج تو وہ یقیناً اس کے اس بدلے ہوئے رنگ روپ اور انداز پر حیران بھی تھا اور پر امید بھی۔
اب وہ اس کے پیچھے پیچھے تھا۔کبھی دھیمے سے کچھ گنگناتا، کبھی ٹھنڈی سانس بھرتا، اور کبھی کوئی ذومعنی جملہ کہتا وہ اس کا سایا بن گیا تھا۔فریدہ کو بہت عرصے بعد اسی سنسنی اور مسرت نے آ گھیرا جو اپنی سہیلیوں کے ساتھ کالج سے گھر آتے ہوئے لڑکوں کے پیچھا کرنے پر محسوس ہوتی تھی۔کتابیں سینے سے لگائے، جھکی ہوئی نظروں کے ساتھ بظاہر لاتعلق، لیکن دل کا ایک ایک گوشہ اور جسم کا ایک ایک رواں ان فقروں اور جملوں کی طرف متوجہ، جو ان لڑکوں کی طرف سے رہ رہ کر آتے تھے۔آج بھی ایک جوان اور خوبرو مرد کی توجہ اسے اپنے اوپر غرور اور مان کی وہ خوشی دے رہی تھی جو اس کم سنی میں محسوس ہوتی تھی۔دل کا اس طرح دھڑکنا آج اسے اچھا لگ رہا تھا۔اس کی اس سرخوشی اور بدلی ہوئی چال ڈھال کا مطلب کیا نکل سکتا تھا وہ یہ جانتے ہوئے بھی انجان بن گئی تھی۔بات بات پر مسکراتے، دوکانداروں سے مول تول کرتے اسنے نہ جانے کتنا وقت گزار دیا۔آخر کار بادل نا خواستہ اسنے گھر واپسی کے لئے قدم بڑھائے۔بیٹیوں کے ا سکول سے آنے میں اب کچھ ہی وقت باقی تھا اور انکے آنے سے پہلے اسے کئی کام نمٹانے تھے جو آج یونہی ادھورے چھوڑ کر نکل آئی تھی۔بازار پیچھے رہ گیا لیکن وہ اب بھی اس کے پیچھے پیچھے تھا۔ہر گزرتے لمحے اسے لگتا کہ اب وہ پلٹ جائے گا لیکن وہ یونہی سائے کی طرح چلا آ رہا تھا۔اب وہ اپنے گھر سے کافی نزدیک آ چکی تھی۔دیکھا بھالا علاقہ اور جانا پہچانا بازار شروع ہو رہا تھا۔نا جانے کیوں وہ سنسنی اور اتراہٹ اچانک عجیب سی گھبراہٹ اور بے چینی میں بدلنے لگی۔نایاب میڈیکل سٹور، صدیق پان ہاؤس تک آتے آتے اس کے ہاتھ خود بخود چادر سنبھالنے لگے۔گالوں پر بکھرے بال کانوں کے پیچھے اڑستے ہوئے اس کی نظریں زمین سے لگ گئیں۔سر مست چال نپے تلے قدموں میں تبدیل ہو گئی اور اپنی بلڈنگ کے پاس آتے آتے وہ جیسے خوابوں کے نگر سے حقیقت کی دنیا میں آ گئی۔وہ اب بھی پیچھے پیچھے تھا۔اس کے بار بار پیچھے مڑ کر دیکھنے نے شاید اس کے حوصلے مزید بڑھا دئے تھے۔چادر کا کونا سر پر ڈالتے ہوئے اسنے سیڑھیوں کا رخ کیا۔اب اسے پوری امید تھی کہ وہ واپس چلا جائے گا لیکن وہ اب بھی ایک زینے کا فاصلہ رکھ کر چلا آ رہا تھا۔ اس کی گھبراہٹ اب اس خوف میں بدل چکی تھی کہ کسی نے دیکھ لیا تو کیا ہو گا؟۔ایک اور زینے کے بعد اس خوف کی جگہ ایک عجیب سے غصے اور جھنجھلاہٹ نے لے لی۔’’کیوں واپس نہیں جاتا یہ؟‘‘اس کا دماغ کھولنے لگا۔’’کیا سمجھ رہا ہے یہ مجھے ؟‘‘اس کی رگوں میں کھولن دوڑنے لگی۔آخری سیڑھی پھلانگتے ہی اسنے اپنے اپارٹمنٹ کی طرف جیسے دوڑ لگا دی۔ دروازے کا تالا کھولتے ہوئے اسنے سنسان کوریڈور کے سرے پر اسے کھڑا دیکھا، جیسے کسی اشارے کا منتظر، کسی نوازش کا طلبگار۔اب وہ اپنے گھر کے سامنے تھی۔تحفظ کے احساس کے ساتھ ہی اپنی ذات کی ہتک کے خیال نے اس کے اندر جیسے آگ بھر دی۔
’’کیا ہے ؟۔۔۔۔۔کون ہو تم ؟‘‘۔۔۔۔۔اسنے زور سے چیخ کر کہا۔’’کیا چاہتے ہو؟۔۔۔کیوں میرا پیچھا کر رہے ہو اس طرح؟۔۔۔ کیا۔۔۔کیا سمجھ رکھا ہے تم نے مجھے۔۔۔۔۔؟‘‘
غصے میں کھولتے اس کے چہرے اور بے ربط جملوں سے، جیسے وہ حیرانی سے بدک کر پیچھے ہٹا۔
’’تم نے مجھے کوئی ایسی ویسی عورت سمجھا ہے کیا‘‘۔۔۔۔۔اب وہ چیخ رہی تھی۔وہ جو بساط کے یوں یکدم پلٹ جانے پر ہکّا بکّا کھڑا تھا، اس کے یوں چیخنے پر گھبرا کر یہاں وہاں دیکھتا، تیز تیز قدموں سے واپس چل دیا۔
’’میں ایسی ویسی عورت نہیں ہوں۔۔۔۔ میں۔۔۔۔ میں۔۔۔۔‘‘ اس نے گھر میں داخل ہو کر اپنے پیچھے دھڑسے دروازہ بند کیا۔’’میں ‘‘۔۔۔۔اب وہ رو رہی تھی۔اپنی چادر سنبھالتے ہوئے وہ وہیں دروازے کے ساتھ زمین پر بیٹھ گئی۔’’میں ایسی ویسی عورت نہیں ہوں۔۔۔۔سناتم نے۔۔۔۔میں یاسمین نہیں ہوں۔۔۔‘‘آنسوؤں سے تر چہرہ دیوار کے ساتھ لگا کے وہ سسکیاں لیتے ہوئے کہے گئی ’’میں ایک شریف عورت ہوں۔۔۔۔سنا۔۔۔۔میں ایک شریف عورت ہوں۔۔۔۔شریف عورت۔‘‘
٭٭٭
بجھا ہوا سورج یٰسین احمد ( حیدر آباد، دکن)
چنچل گوڑہ جیل شہر کی ایک بہت قدیم، مضبوط اور طویل عمارت ہے۔ اُس کے روبرو نسبتاً ایک اور چھوٹی عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ جہاں سزا یافتہ عورتوں کو محبوس رکھا جاتا ہے۔ دوسرے معنی میں یہ عورتوں کی جیل ہے۔ اسی چھوٹی سی جیل سے ملحقہ چھوٹا کھلا میدان ہے جہاں صبح کے وقت سنتری ترنگے کو سلامی دیتے ہیں۔ پریڈ کرتے ہیں اور اپنے بھاری بوٹوں اور تھل تھل کرتی ہوئی توند لئے اِدھر اُدھر گھومتے رہتے ہیں۔
ان دونوں جیلوں کے درمیان ایک طویل سڑک بنی ہوئی ہے جو جیل کی عمارت کے اختتام پر پہنچ کر شہر کے مختلف محلوں کی سمت بٹ جاتی ہے۔ ان عمارتوں سے ایک بہت چوڑا فٹ پاتھ بھی جڑا ہوا ہے۔ دن بھر تو سڑک پر سے گزرنے والے ٹریفک کے شور و غل کے سوا یہاں اور کچھ نہیں ہوتا۔ لیکن جیسے ہی شام ہونے لگتی ہے یہاں کا منظر بدل جاتا ہے۔ فٹ پاتھ پر ان ملاقاتیوں کا جمِ غفیر بیٹھا ہوا دکھائی دیتا ہے جو قیدیوں سے ملنے آتے ہیں۔ آس پاس کے ٹھیلے والے بھی اِدھر نکل آتے ہیں۔ سیب، کیلے، انگور، چائے چاٹ اور دوسری کھانے پینے کی چیزیں خوب بکتی ہیں۔ ایک عجیب سی رونق دکھائی دیتی ہے جیسے میلہ لگ گیا ہو۔
لیکن جیسے جیسے ملاقات کا وقت ختم ہونے لگتا ہے ویسے ویسے منظر پھر بدل جاتا ہے۔ رات کے آتے آتے فٹ پاتھ خالی ہو جاتا ہے اور قبرستان کا سا سناٹا محیط ہو جاتا ہے۔ نسوانی جیل کی عمارت کے اختتامیہ فٹ پاتھ پر عموماً تاریکی چھائی رہتی ہے۔ لوگ اس تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ادھر سے گزرتے وقت کھڑے کھڑے پیشاب کر دیتے ہیں۔ پیشاب کرنے والوں کی تعداد اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ صبح سورج نکلنے کے بعد بھی دیوار پر پیشاب کی لکیریں اور گیلا پن نمایاں رہتا ہے۔ دیر تک بدبو بھی پھیلی رہتی ہے۔
اسی متعفن فٹ پاتھ پر نہایت اطمینان سے بیٹھی ہوئی ایک بوڑھی عورت کا وجود اکثر مجھ کو بے اختیار اپنی طرف متوجہ کر لیتا ہے۔ اسی بوڑھی عورت کی عمر ۶۰ سال سے اونچی رہی ہو گی لیکن عمر میں کم لگتی ہے۔ جسم فربہ اور گورا ہے لیکن میل سے بھرا ہوا۔ اس عمر میں بھی اُس کے پکے ہوئے بال گھنے ہیں لیکن گرد اور مٹی میں اٹے ہوئے۔ میلی کچیلی اور جگہ جگہ سے پھٹی ہوئی ساڑی میں اس کا گورا جسم دکھائی دیتا رہتا ہے۔ جسم اور چہرے پر میل کے چپکے رہنے کی وجہ سے یوں لگتی ہے جیسے بھبھوت مل لی ہو۔ قریب میں ایک میلی سی کپڑوں کی گٹھڑی اور لکڑی پڑی رہتی ہے گٹھڑی میں پرانے بوسیدہ کپڑے اور ردی کے کاغذات ٹھسا ٹھس بھر رہتے ہیں۔
صبح کے وقت ٹریفک کا شور و غل کم رہتا ہے اس لئے میں چہل قدمی کے لئے ادھر سے ہی گزرتا ہوں۔ ادھر سے گزرتے وقت میں نے اکثر دیکھا ہے کہ وہ اسی میلی گٹھڑی سے ڈھونڈ ڈھونڈ کر آئینہ کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا نکالتی اور اپنے آپ کا جائزہ لیتی ہے۔ کبھی بھویں چڑھا کر آئینہ میں دیکھتی ہے، کبھی آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر آئینہ کے اس ٹکڑے میں اپنا چہرہ دیکھتے ہوئے مسکرا دیتی ہے۔ کبھی ناک اوپر چڑھا کر رنجیدہ ہو جاتی ہے جیسے کوئی بھولی بسری یاد تیر کی مانند دل میں اتر گئی ہو۔ کبھی اپنا منھ دائیں جانب اور کبھی بائیں جانب موڑ کر کچھ سوچنے لگتی ہے۔ کبھی کبھی وہ اس ٹوٹے ہوئے آئینہ میں دیکھتے ہوئے انگلیوں کی مدد سے اپنے بال سنوارنے لگتی ہے۔ ہر زاویہ سے اپنے وجود کا اس طرح آئینہ میں جائزہ لینا مجھ کو مختلف قسم کے خیالات میں مبتلا کر دیتا ہے۔
اس کے پیٹ کی آگ کس طرح بجھتی ہے ؟ وہ کون ہے ؟ کہاں سے آئی ہے ؟ میں نہیں جانتا۔ میں نے کبھی اُس کو کسی سے کچھ مانگتے نہیں دیکھا۔ مجھ کو اس کی شخصیت بڑی پر اسرار اور افسانوی لگتی ہے۔ یوں بھی ہر انسان کی شخصیت مختلف پردوں میں ملفوف رہتی ہے جو بیک وقت سامنے نہیں آتی۔ اس کے لئے نظر کی ضرورت ہوتی ہے۔
ایک دفعہ ادھر سے گزرتے وقت میں نے پانچ کا سکہ اس کے قریب زمیں پر رکھ دیا۔ لیکن وہ سکہ کی طرف متوجہ ہوئی اور نہ میری طرف اس نے دیکھا۔ بدستور آئینہ میں اپنے آپ کا جائزہ لیتی رہی۔
اس کے بعد میرا معمول بن گیا تھا کہ جب بھی ادھر سے گزرتا اُس کے سامنے پانچ روپئے کا سکہ یا کبھی دس کا نوٹ رکھ دیتا۔ حالانکہ میری چہل قدمی میں باقاعدگی نہیں تھی۔ کبھی متواتر چہل قدمی کے بعد کسی وجہ سے ناغہ ہو جاتا تو کئی دن تک ناغے ہو جاتے۔ مگر جب بھی ادھر سے گزرتا اس کے سامنے پیسے رکھنا نہیں بھولتا۔
ایک دن میں نے سوچا کہ اس سے تھوڑی بہت بات چیت کر لوں۔ چنانچہ گھر لوٹتے وقت میں اس کے قریب گیا اور اپنی ناک پر رومال رکھ کر پوچھا۔’’تم یہاں اتنی گندی جگہ پر کیوں بیٹھی رہتی ہو؟‘‘
وہ مجھ سے غافل بیٹھی رہی اس نے میری طرف دیکھا بھی نہیں اور بدستور آئینہ کے ٹکڑے میں اپنا چہرہ دیکھتی رہی۔ اُس وقت میں نے دیکھا آئینے کا وہ ٹکڑا دھندلا گیا ہے اور واضح طور پر کچھ نظر نہیں آ رہا ہے۔
میں نے پوچھا۔ ’’تم آئینہ میں زاویہ بدل بدل کر کیا دیکھتی رہتی ہو؟‘‘
اب بھی خاموش رہی۔ مگرایک دفعہ اس نے مجھ کو دیکھا اور پھر سے آئینہ دیکھنے میں جٹ گئی۔
میں نے کہا۔ ’’میں نہیں جانتا کہ تمہارا مذہب کیا ہے ؟ تم ہندو ہو یا مسلمان؟ سکھ ہو یا عیسائی یا پھر کسی اور مذہب سے تعلق رکھتی ہو۔ مگر تم ایک عورت ہو اس لئے مہان لگتی ہو، اچھی لگتی ہو‘‘
وہ ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ میں نے سوچا کہیں میں اس کے آگے بین تو نہیں بجا رہا ہوں ؟ تاہم میں نے اپنی بات جاری رکھی۔ ’’تم کسی کی محبوبہ رہی ہو گی، ماں رہی ہو گی، بیوی رہی ہو گی، بہن رہی ہو گی تم ہر روپ میں ہر شکل میں اچھی لگتی ہو! یہ حقیر آئینہ تمہیں کیا بتائے گا۔‘‘
اب بھی اس کی خاموشی نہیں ٹوٹی۔ تب مجھ کو یقین ہو گیا کہ اس کے پلے کچھ نہیں پڑ رہا ہے۔
میں نے کہا۔ ’’تم عرصے سے نہائی دھوئی نہیں ہو۔ تمہارے کپڑے بھی میلے اور پھٹ چکے ہیں۔ میں تمہارے لئے لباس لا دوں ؟‘‘
اب وہ میری طرف متوجہ ہوئی۔ آئینہ کا ٹکڑا زمین پر رکھ کر نفی میں اس نے سر ہلا دیا۔
میں نے ایک اور سوال کیا۔ ’’کیا تمہیں کھانے پینے کے لئے کچھ لا کر دیا کروں ؟‘‘
اس نے نفی میں پھر سے سر ہلا دیا۔ وہاں ٹھہرنا میرے لیے دشوار ہو رہا تھا۔ بار بار رومال ناک سے ہٹاتا، سانس لیتا اور دوبارہ رومال ناک پر رکھ لیتا۔ میں نے اس سے ایک سوال اور پوچھا۔ ’’میں تمہارے لئے مستقل طور پر کوئی چھت فراہم تو نہیں کر سکتا لیکن ایک ایسی جگہ بتا سکتا ہوں جہاں تم جیسے بے سہارا لوگ آرام سے رہ سکتے ہیں۔‘‘
اس نے انکار میں سر ہلا دیا۔ میں نے ایک ٹھنڈی سانس لی۔ اب تک اس نے اپنی زبان سے ایک لفظ نہیں کہا تھا۔ حالانکہ وہ گونگی نہیں لگتی تھی، بے زبان بھی نہیں معلوم ہوتی تھی۔ میں نے وہاں سے جانا چاہا تو اس نے ایک ہاتھ سے رکنے کا اشارہ کیا۔ میں رُک گیا۔ وہ اپنی میلی کچلی گٹھڑی میں کچھ ڈھونڈنے لگی۔
اس نے اپنی گٹھڑی سے ایک چھوٹی سی کپڑے کی پوٹلی نکالی اور اس کی گرہیں کھولنے لگی۔ اس پوٹلی میں سکہ اور نوٹ بہت احتیاط سے باندھے ہوئے تھے، مجھ کو لگا کہ یہ پیسے وہی ہیں جواب تک میں نے اُسے دیئے تھے۔ اُس نے پیسے سمیت پوٹلی میری طرف بڑھا دی۔
’’ان پیسوں سے مجھ کو سنگھار کا ساماں اور ایک بڑا آئینہ لا دو۔‘‘ اس نے روانی میں کہا تو میں دم بخود رہ گیا۔’’سنگھار کرنے کے بعد میں دیکھنا چاہتی ہوں کہ ماضی کی مشہور اداکارہ منجولا دیوی آج کیسی لگتی ہے۔؟‘‘
٭٭٭
پیا ملن کی آس گلزار جاوید (راولپنڈی)
’’توبہ اللہ توبہ، کتنے لالچی اور خودغرض ہوتے ہیں یہ مرد ! مجھے تو نفر ت ہونے لگی ہے مردوں کی ذات سے ‘‘ ٹیکسی کا دروازہ جھٹکے سے بند کرتے ہوئے غزالہ نے اپنے غصہ کا اظہار کیا۔ ’’میرے خیال میں اس وقت غصہ کرنے کے بجائے ٹرین پکڑنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ صرف پانچ منٹ رہ گئے ہیں ٹرین کے چلنے میں۔‘‘ میں نے چلتے چلتے بات کا رخ موڑنے کی پوری کوشش کی ’’تم نے دیکھا نہیں اس نے کس ڈھٹائی سے سو روپے کا نوٹ، باپ کا مال سمجھ کر اپنی غلیظ جیب میں ٹھونس لیا اور تم؟ ممیاتے گھگیاتے نوٹ تھما کر چل پڑے۔ تمہاری جگہ اگر میں ہوتی تو اس کا منہ نوچ لیتی، کتنا فاصلہ ہو گا ہمارے گھر سے اسٹیشن کا؟ یہ ہی کوئی سات آٹھ کلومیٹر، چالیس روپے سے زیادہ نہ بنتے تھے میٹر کے حساب سے، مگر اس نے ہمیں جلدی میں دیکھ کر اسّی روپے سے ایک پیسہ کم نہ کیا اوراسٹیشن پہنچتے ہی سو روپے کا نوٹ دیکھ کر اس کی نیت خراب ہو گئی۔’’میرے پاس تو ٹوٹے پیسے نہیں ہیں بابو جی! میں نے تو آپ ہی کی بونی کی ہے صبح صبح‘‘ گاڑھے میک اپ اور غصہ سے سوجے منہ سے غزالہ نے ٹیکسی ڈرائیور کی نقل اتارنے کی ناکام کوشش کی۔
’’معاف کیجئے گا ! آؤ بھئی غزالہ آؤ یہ ہی سیٹیں ہیں ہماری‘‘ میرے پاؤں سے پاؤں ٹکرانے کے سبب سامنے والی فیملی کی ۲۰، ۲۲ سالہ سانولی سلونی ’’جٹ کڑی‘‘ کچھ اور سمٹ کر اشتیاق سے ہم میاں بیوی کی ہڑبونگ انجوائے کرنے لگی ’’آپ ادھر آ جاؤ بیٹا جی‘‘ مجھے مخاطب کر کے فیملی کی سربراہ بڑی بی نے اپنے سامنے والی ونڈو سیٹ پر بیٹھنے کا اشارہ کیا۔ ’’ادھر یہ بیٹھیں گی اماں جی۔‘‘ میں نے شرمندہ ہو کر غزالہ کی طرف اشارہ کیا۔ ’’مجھے چکر آنے لگتے ہیں ریل کے سفر سے اس لئے میں کھڑکی کے پاس والی سیٹ پر بیٹھتی ہوں۔‘‘ ’’بیٹھو بیٹھو بیٹا، آرام سے بیٹھو۔ باقی سب تو خیر ہے نا بیٹا؟‘‘ بڑی بی کی ذومعنی خیریت دریافتگی سے غزالہ کو بڑی کوفت ہوئی۔ ’’جی اللہ کا شکر ہے۔ اب تم بھی بیٹھ جاؤ۔‘‘ غزالہ کے لہجہ کی ناگواری، بڑی بی کے بے وقت سوال کا نتیجہ تھی جو اس نے ترکی بہ ترکی مجھے لوٹا دی۔
’’سوری، میرا مطلب ہے معاف کیجئے گا‘‘ بیٹھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سامنے والی سیٹ پر بیٹھی بڑی بی کی بیٹی سے گھٹنے ٹکرائے تو میں شرم سے پانی پانی ہونے لگا۔ اس مرتبہ میں، لڑکی کے بجائے اپنی بیگم کی جانب معذرت خواہانہ نگاہوں سے دیکھ رہا تھا۔ ’’برا نہ منانا بی بی، ان کے سارے کام ہڑبونگ کے ہوتے ہیں۔ یہ تو۔۔۔ ’’ خیر سے کہاں جانا ہے ‘‘ بظاہر مسکرا کر سوال کرنے والی بڑی بی، بہت جہاندیدہ ثابت ہوئیں، لگتا تھا انہوں نے غزالہ کا جملہ اچانک ہی نہیں کاٹا، وہ دانستہ مجھے، غزالہ کے حملے سے بچانا چاہتی تھیں۔ ’’ہم جی ! لاہور جا رہے ہیں۔ میری امی رہتی ہیں لاہور میں، بڑے دنوں سے ان کی طبیعت خراب ہے۔ انہیں چھٹی نہیں مل رہی تھی، میں نے کہا اگر چھٹی نہیں مل رہی تو دفع کرو، تم لگے رہو اپنے کاموں میں، میں اکیلی چلی جاتی ہوں، مجھے کون سا،ڈر پڑا ہے کسی کا۔‘‘ غزالہ نے سونے کی چوڑیوں سے بھرے ہاتھ نچا کر ناگواری سے، بڑی بی کے کئی نہ کردہ سوالوں کے جواب بھی از خود دے ڈالے۔
’’غزالہ ! میری کتاب تو دینا تمہارے پرس میں رکھی تھی چلتے وقت‘‘ ’’فضول چیزوں کی جگہ نہیں ہے میرے پرس میں، وہ میں نے ہینڈ بیگ میں ڈال دی تھی، ہاتھ بڑھا کے خود ہی نکال لو‘‘
’’سو ‘‘ ایک منٹ جی ! صرف ایک منٹ‘‘ اس مرتبہ میرا پورا پاؤں سامنے والی دوشیزہ سے رگڑ کھا گیا تھا، بے اختیاری میں اس کے منہ سے ’’سوری‘‘ نکلتے نکلتے رہ گیا تھا۔ لڑکی سمجھدار تھی، کسی قدر میری پوزیشن بھی اس کے سامنے واضح ہو چکی تھی، خاموش رہی مگر اس کے چہرہ کی رنگت اس کی اندرونی کیفیت کو اچھی طرح نمایاں کر رہی تھی۔ ہینڈ بیگ میں سے کتاب نکال کر میں بہت احتیاط سے سکڑ سمٹ کر اپنی سیٹ پر واپس بیٹھ گیا اور کتاب کی ورق گردانی کرنے لگا، بظاہر میں انہماک کے ساتھ کتاب کی ورق گردانی میں مصروف تھا مگر میری تمام حسیں، اپنے سامنے بیٹھی زندہ کتاب پر مرکوز تھیں، اس کی ہر حرکت ہر جنبش کو بہت قریب محسوس کر رہا تھا۔ اس کے سانسوں کی گرمی تو کچھ فاصلہ پر تھی مگر میں اس کے دل کی دھڑکن صاف سن رہا تھا۔
’’بڑے سنگ دل ہو تم، تمہیں کیا پتہ؟ کہ میں نے اپنے جیون کی ہر گھڑی کس طرح تمہارے ملن کی آس میں بتائی ہیں۔ کتنے ان دیکھے سپنوں کی بھٹی کا ایندھن بنی ہوں میں ؟ اور آج جب تم ملے ہو، تو تمہارے جیون کی ڈوری کسی اور سے بندھی ہے، تم تو میرے سپنوں کے راجکمار تھے ؟ پھر یہ اجنبی عورت کون ہے تمہارے ساتھ؟ کیا سنبدھ ہے اس کا تمہارے ساتھ؟ کیوں قدم، قدم پر یہ تمہارا اپمان کرتی ہے ؟ تمہاری عزت کا خیال نہ ہو تو میں ایک منٹ میں اس کی کرنی کا مزہ چکھا دوں ‘‘۔ ’’بیٹا جی آپ کی گھڑی میں کیا وقت ہوا ہے ‘‘
بڑی بی کی آواز بہت دور سے سنائی دی، جیسے کوئی گہرے خواب میں ہو، بولنے کی کوشش کرے، بول نہ سکتا ہو۔
’’بھائی جان ! اماں ٹائم پوچھ رہی ہیں۔‘‘ نابکار کہیں کی، ابھی تو مجھے اپنے سپنوں کا راج کمار کہہ رہی تھی اور اب میں بھائی بن گیا ہوں ؟ میں نے ناگواری سے اس کی طرف دیکھا تو دوبارہ میرے کانوں میں یہ ہی آواز گونجی ’’بھائی جان اماں ٹائم پوچھ رہی ہیں ‘‘ اس کے ہونٹوں پہ تو ہلکا سا تبسم پھیل رہا ہے جس نے اسے اور بھی معصوم بنا دیا ہے۔ شائد اسے میرے دل کی کیفیت کا پتہ چل گیا ہے اور وہ میری حالت سے محظوظ ہو رہی ہے۔ یہ کس طرح ہو سکتا ہے ؟ وہ تو خود ہجر کی آگ میں جل رہی ہے وہ بھلا کس طرح مسکرا سکتی ہے۔ اسے تو آج مجھ سے حساب لینا ہے صدیوں کی بے وفائی کا؟
’’لگتا ہے، بھائی جان کی گھڑی بند ہے ‘‘ سانولی رنگت اور تیکھے نین نقش والا نو، دس سال کا اس کا چھوٹا بھائی جو، اب کھڑکی والی سیٹ پر غزالہ کے سامنے جا بیٹھا تھا میری حالت پر مسکرا رہا تھا۔ بڑی بی خشمگیں نظروں سے مجھے دیکھ رہی تھیں۔ البتہ اس نے اپنا چہرہ دوسری جانب پھیر لیا تھا مبادا اس کی دلی کیفیت آشکار نہ ہو جائے۔ ’’معاف کرنا بیٹا ! میں کتاب میں اتنا محو ہو گیا تھا کہ ‘‘ ’’کیا ہو گئے تھے ‘‘ لڑکے نے حیرانی سے کہا ’’یار میرا مطلب ہے ‘‘۔۔۔۔۔۔ ’’ان کا مطلب ہے کہ یہ کتاب میں کھو گئے تھے۔‘‘ بہت اچھی کہانی ہے کیا؟ بہن کے جواب سے مطمئن ہو کر لڑکے نے، میری طرف دوسرا سوال اچھالا۔ ’’انہیں ہر کہانی اچھی لگتی ہے، حتیٰ کہ ان کہی بھی؟‘‘ غزالہ کے جملہ سے تینوں ماں بیٹے کسی قدر کنفیوز لگ رہے تھے اور میں اپنی جگہ کچّا ہو رہا تھا۔ خدا معلوم ان کہی سے وہ لوگ کیا مراد لیں ؟
’’خیر سے جوائی راجا کام کیا کرتے ہیں ؟‘‘ بڑی بی نے غزالہ کو از خود اپنی بیٹی بنا لیا تھا اور میری بابت ان کے الفاظ ’’جوائی راجا‘‘ پر قریب بیٹھے لوگ بھی چونکے تھے بچہ کھل کھلا کر ہنسنے لگا تھا۔ البتہ لفظ ’’جوائی راجا‘‘ پر اس کے چہرہ کی رنگت پہلے گلابی اور پھر سرخ ہو گئی تھی جسے اس نے دوپٹے کے پلو سے پسینہ پونچھنے کے بہانے چھپانے کی پوری کوشش کی مگر جس طرح عشق اور مشک نہیں چھپتا اسی طرح انسان کے اندر کی کیفیت بھی نہیں چھپائی جا سکتی، بلکہ جس سے یہ چھپائی جاتی ہے اس پہ اور زیادہ عیاں ہوا کرتی ہے۔
’’کاش کچھ کرتے بھی ہوتے یہ؟‘‘ ’’ہیں بیٹی ! کیا کہا تم نے ‘‘ غزالہ کے جواب پر بڑی بی نے کان پر ہاتھ رکھتے ہوئے اپنی سماعت کو پرکھنا چاہا۔ ’’جی میں ! ادیب ہوں ‘‘ ’’وہ کیا ہوتا ہے ‘‘ لڑکے، کے سوال میں تمسخر اور تاسف دونوں نمایاں تھے۔ ’’بیٹا ! ادیب۔۔۔ ’’ احمق آدمی ! لکھنے والے کو ادیب کہتے ہیں۔‘‘ ہم دونوں کے جملہ آپس میں گڈمڈ ہو گئے تھے۔ چند ساعتوں کے لئے ہماری نگاہیں چار ہوئیں۔ دونوں کی خواہش تھی کہ پہلے وہ بول کر بات کی وضاحت کرے۔
’’کون سی کلاس میں پڑھتے ہو آپ !‘‘ غزالہ نے مداخلت کرتے ہوئے بچے سے دریافت کیا۔ ’’میں پانچویں میں پڑھتا ہوں۔ ‘‘’’پھر تو آپ نے جنوں، بھوتوں کی کہانیاں ضرور پڑھی ہوں گی۔‘‘ لڑکے نے سر ہلا کر نفی میں جواب دیا۔’’ مجھے تو آپا پری کی کہانی سناتی ہیں جسے اپنے خوابوں کے شہزادہ کا انتظار ہوتا ہے۔‘‘ ’’کبھی کبھی ہم بھی ایسی کہانیاں لکھتے ہیں مگر ہماری کہانیوں میں شہزادے کو پری کی تلاش ہوتی ہے۔‘‘ غزالہ کی مصنوعی کھانسی نے میری بے تکلفی پر اظہار ناراضگی کیا تو اس کے چہرہ پر لمحہ بھر کو شفق رنگ آ کر بکھر گئے پہلے اس کا رنگ پیلا اور پھر سیاہ لگنے لگا۔ اس نے اپنے کپڑے اور دوپٹہ ترتیب سے کئے اور سمٹ کر دوسری او ور بیٹھ گئی، گہری سوچ کا ہالہ بھی اس کے گرد تن سا گیا۔ میرے دل کی دھڑکن بھی کچھ بے ترتیب ہوئی اور مجھے غزالہ کے چہرہ میں ظالم سماج کا گھناؤنا روپ دکھائی دینے لگا جو خواہ مخواہ،دو دلوں کے بیچ دیوار کھڑی کرنے کا ماہر ہوا کرتا ہے۔
’’چائے، ٹھنڈی بوتل جی ! یہ دال کراری اے !‘‘ غالباً گجرات کا اسٹیشن تھا۔ میں نے موقعہ کی مناسبت سے غزالہ سے اس کی خواہش کے بارے میں دریافت کیا تو اس نے بوتل کے حق میں حامی بھری۔ میں نے پانچ بوتلوں کا آرڈر دیا تو بڑی بی چونک کر بولیں ’’بیٹا! بندے دو، تے بوتلیں پانچ؟‘‘ اماں جی ! بندے بھی پانچ ہیں ‘‘ نہ بیٹا نہ میں نے زندگی بھر ہاتھ نہیں لگایا ان بوتلوں کو، پتہ نہیں کیا گند بھرا ہوتا ہے ان میں ؟‘‘ آپ تو لے لیں، میں نے اس کی طرف حسرت سے بوتل بڑھائی تو وہ ایک دم کسمسا کے رہ گئی۔ اس کے اندر ہاں اور نا کی جنگ شدت سے لڑی جانے لگی۔ پتر جی !ہم تو گھر سے چلتے وقت اپنی روٹی ساتھ لائے تھے ‘‘پوٹلی اور سالن کے ڈبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بڑی بی نے کہا ’’یار آپ تو جوان آدمی ہو آپ کو تو ضرور پینا پڑے گی،،بچے کے ہاتھ میں زبردستی میں نے بوتل پکڑائی تو بچہ کبھی شوق سے میری طرف دیکھتا اور کبھی سہم کر ماں کی طرف دیکھنے لگتا۔ ’’چل پی لے ، پی لے، دولہا بھائی اتنے پیارسے کہہ رہا ہے۔‘‘ بڑی بی کے منہ سے لفظ دولہا بھائی مجھے اتنا میٹھا لگا کہ میرا جی بار بار اس لفظ کو سننے کے لئے مچلنے لگا۔ ان کا ادا کیا ہوا لفظ دولہا بھائی سن کر میرے دل کی دھڑکن تیز ہو گئی تھی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ دل دھڑکنے کے بجائے اچھلنے لگا ہے۔ لمحہ بھر کو میں اپنی کیفیت میں اس درجہ مست رہا کہ اس کی جانب سے کسی طور غافل ہو گیا مگر وہ بھی لفظ دولہا بھائی کو ابھی تک انجوائے کر رہی تھی اور منہ پر دوپٹہ لے کر اپنی ہنسی دبانے کی ناکام کوشش کے سبب اس کے کانوں کی لویں سرخ ہو گئی تھیں اور اس کی کلائی کا رواں رواں کھڑا ہو گیا تھا۔
’’بوتل گرم کر کے پینا تھی تو چائے منگا لیتے اپنے لئے ؟‘‘ بے وقوف ! جاہل، گنوار، بے حس، جتنے بھی سخت القاب میرے حافظہ میں تھے وہ میں نے غزالہ کی بابت سوچ ڈالے۔ بھلا! کسی انسان کے حلق سے اس وقت کوئی چیز کیسے اتر سکتی ہے جب اس کے سامنے والے کو بھی اس کی طلب ہو مگر وہ اسے حاصل نہ کر سکتا ہو۔ اور پھر وہ انسان بھی کوئی غیر نہ ہو آپ کا جنم، جنم کا ساتھی ہو۔ میں نے بوتل اٹھا کر، سٹرا، منہ سے لگایا اور ایک لمبا گھونٹ لینے کی کوشش کی، جس کے سبب مجھے پھندا لگنا فطری تھا۔ سینے کا پورا زور لگا کر میں اس قدر کھانسا، اس قدر کھانسا کہ سارا کمپارٹمنٹ ہماری طرف متوجہ ہو گیا۔ غزالہ کے چہرے پر ہمیشہ کی طرح ناگواری کے اثرات نمایاں تھے۔ بڑی بی پریشان اور بچہ ہونق دکھائی دے رہا تھا جبکہ وہ اس صورت حال سے کسی قدر لاتعلق بلکہ محظوظ ہو رہی تھی۔ اس کی آنکھیں اس طرح پھیل اور سکڑر ہی تھیں جیسا انسان پر خوشی کی کیفیت میں ہوتا ہے۔ میری آنکھیں لمحہ بھر کو اس کے چہرے پر گڑ گئیں ان میں خوشی کے ساتھ اطمینان اور تشکّر کی لہریں ایک سرے سے اُبھر کر دوسرے سرے میں گم ہو رہی تھیں۔ مجھے ایسا لگ رہا تھا جیسے اس کی آنکھوں سے مقناطیسی لہریں نکل نکل کر میرا اس طرح احاطہ کر رہی ہیں جیسے کسی ولی یا بزرگ کا دم پڑھ کر پھونکنے سے مریض کا احاطہ کیا کرتی ہیں۔کچھ دیر بعد جب میری حالت سنبھل گئی تو میں نے بوتل نہ پینے کا اعلان کر کے غزالہ کو مزید غصہ سے دوچار کر دیا۔ اس نے زبان سے کچھ کہنے کے بجائے موٹاپے کی طرف مائل جسم کو کئی بار جھٹکے دے کر کھڑکی کی طرف سمیٹا اور باہر کی جانب منہ کر کے بیٹھ گئی۔
’’کیہہ خیال ہے ؟ کھا لیئے کھانا‘‘ بچے کے بار بار کے اصرار پر بڑی بی نے بیٹی سے دریافت کیا۔ جس کا اس نے شانے ا چکا کر جواب دیا۔ ’’چل اٹھ پانی لے کے آ‘‘ ’’ارے نہیں، یہ بچہ ہے کہاں جائے گا میں لے آتا ہوں مجھے دیجئے۔‘‘ سلور کا پیالہ لیتے ہوئے کئی بار اس کے ہاتھ میرے ہاتھوں سے مس ہوئے، جس کا اس نے برا منایا اور نہ کسی رد عمل کا اظہار کیا، خاموشی سے پیالہ میرے حوالہ کر کے بت بنی مجھے دیکھتی رہی۔ غزالہ کا پہلو بدلنا اس کی برہم مزاجی کی نشاندہی کر رہا تھا، مگر جب آدمی احساسات و جذبات کے رحم و کرم پر ہوتا ہے تو اسے کسی بات کا ہوش ہی کہاں رہا کرتا ہے۔ ’’بیٹھئے، بیٹھئے پانی ہے ہمارے پاس‘‘ میری پیٹھ والی سیٹ پر بیٹھے دراز زلف بزرگ نے بسم اللہ کہہ کر پانی کا تھرماس مجھے پکڑا دیا جسے اس کے چھوٹے بھائی نے جلدی سے میرے ہاتھ سے لپک لیا۔
’’آؤ بیٹا، تسی بھی لو بھائی صاحب !‘‘ بڑی بی نے کھانا کھول کر سیٹ کے چاروں جانب بڑے خلوص سے صلح ماری ’’بسم اللہ کرو، اللہ بہت دے ‘‘ پانی کا تھرماس دینے والے بزرگ نے بلند آواز سے کہا۔ پھر بڑی بی کی پیٹھ والی ادھیڑ عمر خاتون بولیں۔ ’’ابھی ابھی ہم نے چائے کے ساتھ کیک پکوڑے کھائے ہیں آپ کھاؤ اللہ بہت دے۔‘‘ تم تو دو برکیاں لو بیٹا ‘‘ غریبوں کا کھانا ہے، میری بیٹی کچنار بہت سوادی پکاتی ہے۔ ہمارے اپنے کھیت کی ہے۔ آپ بھی لو نا بیٹا‘‘
میں نے اپنی زبان کو ہونٹوں میں دبا کر اپنا منہ بڑی مشکل سے بند کیا اور غزالہ کی طرف التجا بھری نظروں سے دیکھنے لگا۔
’’خالہ جی ! آپ کی بہت بہت مہربانی، کھانا ہم امی کے ساتھ لاہور جا کر کھائیں گے۔ انہوں نے فون پر تاکید کی تھی۔ منہ میں گھنگنیاں ڈال کے کیوں بیٹھے ہو، بتاتے کیوں نہیں فون تم ہی نے تو سنا تھا۔‘‘
’’بیٹا ! ہم دیہاتی لوگ آپ شہری لوگوں کی طرح ناشتہ واشتہ تو کرتے نہیں۔ بس دودھ، دہی اور لسّی سے کام چلا لیتے ہیں۔ دوپہر کی روٹی البتہ ہم سورج چڑھنے سے پہلے کھا لیتے ہیں۔ پھر ہمارا پینڈا بھی لمبا ہے، ہم نے لاہور سے آگے قینچی جانا ہے وہاں میرا بھائی ہسپتال میں ملازم ہے۔ اسٹیشن سے بہت دور ہے نا بیٹا۔ ڈیڑھ دو گھنٹے تو لگ ہی جاتے ہیں۔اب کھانا! شور تو اتنا ڈال رکھا تھا بھوک بھوک کا، لے زہرا تُو، تَو لے لینا تُو نے تو صبح لسّی بھی نہ پی تھی لے میرا پتر‘‘۔ بڑی بی کے منہ سے زہرا کا نام سن کر میری طبیعت میرے اختیار میں نہ رہی۔ میری زبان میں کھجلی ہونے لگی میرا دل چاہ رہا تھا کہ میں جی کھول کر اس کے نام کی تعریف کروں اور نام کی تعریف میں ملفوف کر کے چند جملے اس کی سادگی اور پرکشش شخصیت کی نذر کروں مگر غزالہ مسلسل میرے چہرے کو گھورے جا رہی تھی۔
’’اری اب شروع بھی کر زہرا، کہیں ایسا نہ ہو کہ لاہور آ جائے اور تیری روٹی ختم نہ ہو‘‘ ’’ہنہ‘‘اس نے ایک دم منہ سے جاگنے کے انداز میں ہنکارا بھرا’’ کیا ہوں، ہاں لگا رکھی ہے جلدی سے کھا اور مکا۔‘‘ بڑی بی نے روٹی کے بڑے سے نوالے میں ترکاری بھرتے ہوئے کہا۔ بہت سرعت سے اس نے ایک نگاہ روٹی اور دوسری میرے چہرے پر ڈالتے ہوئے روٹی کا چھوٹا سا ٹکڑا توڑا اور اسے ترکاری سے برائے نام مس کر کے منہ کی طرف بڑھایا ادھ کھلے منہ اور ہاتھ کے نوالے کے درمیان کا فاصلہ دریا کے دو پاٹوں کی مانند ملنے کا نام ہی نہ لیتا تھا۔’’اری کیا سوچ رہی ہے نیک بخت کھاتی کیوں نہیں ‘‘ ایک بار پھر اس کی حسرت بھری نگاہوں نے میرے چہرے کا جائزہ لیا۔ ہاتھ کا نوالہ روٹی پر واپس رکھتے ہوئے اس نے بھوک نہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ اب وہ پہلے کی طرح نارمل اور مطمئن دکھائی دے رہی تھی جبکہ میں خود کو مجرم سمجھ رہا تھا۔
لاہور کا فاصلہ تھوڑا رہ گیا تھا سبھی لوگ اپنا سامان درست کر رہے تھے۔ زہرا بھی اپنا اٹیچی اور سفری بیگ درست کرنے میں مصروف ہو گئی۔ غزالہ کو کپڑوں کی شکن درست کرتے دیکھ کر میں نے بھی اپنا سامان اکٹھا کرنا شروع کر دیا اور پھر سے کتاب کی ورق گردانی شروع کر دی۔ اس کے بیٹھنے کے انداز میں اب پہلا سا رکھ رکھاؤ باقی نہ تھا اب وہ ہر لمحہ پہلو بدل رہی تھی اور کسی نہ کسی بہانے اپنے چھوٹے بھائی سے مخاطب ہو رہی تھی پھر اس نے چھوٹے بھائے کے کان میں کچھ کہا اور وہ دونوں ٹائلٹ کی طرف بڑھنے لگے بظاہر تو میں لاتعلق بنا بیٹھا تھا مگر میرے کان ٹائلٹ کی جانب ہمہ تن گوش تھے۔ وہ واپس آئی تو غزالہ نے ٹائلٹ کی بابت آہستگی سے کچھ دریافت کیا اور پھر خود بھی اٹھ کر ٹائلٹ کی جانب چل پڑی البتہ زہرا کے چھوٹے بھائی کو اپنے ساتھ لے گئی۔
میرا دل قید با مشقت سے رہائی پانے والے قیدی کی ماند بے قابو ہوا جا رہا تھا طرح طرح کی خواہشیں اور امنگیں مجھے بزدلی کے طعنے دے کر پیش قدمی پر اکسا رہی تھیں مگر اتنے ڈھیر سارے مسافروں کے بیچ میں اس سے کیا کہتا اور کس طرح کہتا اور پھر میرے پاس کہنے کو تھا بھی کیا سوائے اپنی بے بسی اور محرومی کے البتہ اس مختصر سے عرصہ میں ہماری آنکھوں نے ایک دوسرے سے وہ کچھ کہہ ڈالا تھا جو بعض اوقات زبان سے صدیوں میں ادا نہیں ہوتا۔ جیسے ہی غزالہ ٹائلٹ سے واپس آئی ہم دونوں اس طرح چونک کے الرٹ ہو گئے جیسے ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل کسی تیز رفتار گاڑی کے ہارن سے کانپ جاتا ہے۔
گاڑی آہستہ آہستہ سٹیشن کے اندر داخل ہو رہی تھی، بظاہر اس نے تمام مسافروں کو ان کی منزل مقصود پر پہنچا دیا تھا مگر ان میں کچھ ایسے بھی تھے جو گھنٹوں میں صدیوں کی مسافت طے کر کے پھر سے جدا ہو رہے تھے۔ وچھوڑے کا دکھ لے کر ملن کی آس لے کر!!
کھانے کی میز پر سب لوگ اپنی پلیٹوں میں کھانا ڈال کر میری طرف متوجہ تھے۔ ’’مختار ! بیٹا کن خیالوں میں گم ہو، جلدی شروع کرو، کھانا ٹھنڈا ہو رہا ہے۔ دیکھو میں نے کچنار گوشت پکایا ہے، تمہیں تو بہت پسند ہے نا؟‘‘ غزالہ کی امی نے سالن کا ڈونگا میری طرف بڑھاتے ہوئے کہا۔ ’’اب شروع بھی کرو گے یا اسی طرح سوگ مناتے رہو گے۔ ‘‘ غزالہ کے طنز پر میں نے جلدی سے روٹی کا بڑا سانوالہ توڑ کر سالن بھرا اور منہ میں ٹھونسنے کی کوشش کرنے لگا۔
’’بے وفا، ہرجائی اتنی جلدی، توڑ دو گے سارے عہد، ابھی تو ہم نے بہت سا سفر طے کرنا ہے۔‘‘ ان گنت رتوں اور موسموں کو اپنی محبت کا گواہ بنانا ہے اور محبت کرنے والوں کے لئے مثال قائم کرنا ہے۔ شاباش ہمت کرو اور اپنا ہاتھ ہمیشہ کے لئے میرے ہاتھ میں دے کر محبت کو امر کر دو۔۔۔۔۔۔ ‘‘منہ کی جانب بڑھے ہوئے نوالہ کو میں نے واپس پلیٹ میں رکھتے ہوئے بھوک نہ ہونے کا اعلان کیا اور میز سے اٹھ کر اسی ان دیکھی مسافت پر چل پڑا جو میری روح کی آواز تھی۔۔۔۔۔۔
٭٭٭
گلزار (ممبئی، بھارت)
بارش آنے سے پہلے ہی۔۔۔
بارش کے آنے سے پہلے ہی
بارش سے بچنے کی تیاری جا ری ہے
ساری دراریں بند کر لی ہیں
اور لیپ کے چھت، اب چھتری بھی مڑھوا لی ہے
کھڑکی جو کھلتی ہے باہر
اُس کے اُوپر بھی اِک چھجّہ کھینچ دیا ہے
مین سڑک سے، گلی میں ہو کر، دروازے تک آتا رستہ
بجری مٹّی ڈال کے اُس کو کُوٹ رہے ہیں !
یہیں کہیں کچھ گڈّھوں میں
بارش آتی ہے تو پانی بھر جاتا ہے
جوتے، پاؤں، پائینچے سب سَن جاتے ہیں
گلے نہ پڑ جائے ست رَنگی
بھیگ نہ جائیں بادل سے
ساون سے بچ کر جیتے ہیں
بارش آنے سے پہلے
بارش سے بچنے کی تیاری جاری ہے !
دو سو فٹ سے بھی اونچی اِک دھوئیں کی کھُمبی
’’دو سو فٹ سے بھی اونچی اِک دھوئیں کی کھُمبی
پیچ دار، بل کھاتی ہوئی
اور اُوپر اک چھتری کالے گاڑھے دھُوئیں کی کھُلتی گئی
چھوٹے سے اک بم کے پیٹ سے نکلی اور
پُورے قندھار پہ پھیل گئی
دن دوپہرے، اندھیرا اندھیرا، ہر سُو پھیل گیا۔
جیسے جیسے کالے دھُوئیں کی راکھ زمیں پر گرتی تھی
چلتے پھرتے لوگ سبھی مر جاتے تھے۔‘‘
آنے والی نسلوں میں جب
پھر کوئی نانی آج کی بات سنائے گی تو
بچّے وہ بھی ایک کہانی سمجھ کے آنکھیں بند کر لیں گے۔۔۔ سو جائیں گے !!
٭٭٭
وقت کو جتنا گوندھ سکے ہم۔۔۔
وقت کو جتنا گوندھ سکے ہم، گوندھ لیا
آٹے کی مقدار کبھی بڑھ بھی جاتی ہے
بھُوک مگر اِک حد سے آگے بڑھتی نہیں
پیٹ کے ماروں کی ایسی ہی عادت ہے
بھر جائے تو دستر خوان سے اُٹھ جاتے ہیں !
آؤ، اب اُٹھ جائیں دونوں
کوئی کچہری کا کھُونٹا دو اِنسانوں کو
دستر خوان پہ کب تک باندھ کے رکھ سکتا ہے
قانُونی مہروں سے کب رُکتے ہیں، یا کٹتے ہیں رشتے
رشتے راشن کارڈ نہیں ہیں !!
٭٭٭
پانچ سال کا چاند
جو بھی ہوا تھا
کس نے کیا تھا
پتہ نہیں ہے !
بس اتنا معلوم ہے
زندہ انسانوں کے جسموں کے
بکھرے ٹکڑوں میں
میرا بچہ بھی شامل تھا
کوئی کسی کی انگوٹھی کو
اپنا رشتہ مان رہا تھا
کوئی کسی کے نام کو
اس کی عینک سے پہچان رہا تھا
میرے ماتم کی کوئی پہچان نہیں تھی
کسے بتاتی تھا کیا وہ
چھوٹے چھوٹے ہاتھ پاؤں تھے
بچّہ تھا اوروں جیسا وہ
پتہ نہیں ! جس لحد پہ اس کے نام کا پتھر لگا ہوا ہے
اس میں وہ کتنا ہے
لیکن!
گھر کے طاق میں اس کی جو تصویر رکھی ہے
اس میں وہ
پورا ہے اب تک
پانچ سال کاچاند یہ میرا
یوں ہی رہے گا روشن
میں ہوں زندہ جب تک
٭٭٭
وہ اور میں
وہ چاہتا ہے
کہ سورج ندی کے پانی سے
گھٹا بنائے نہیں
وہ چاہتا ہے
کہ جگنو اندھیرے باغوں میں
دِیا جلائے نہیں
وہ چاہتا ہے
پرندہ اداس موسم کو
غزل سنائے نہیں
میں چاہتا ہوں
کہ سورج کو کوئی روکے نہیں
گھٹا بنانے سے
میں چاہتا ہوں
کہ جگنو کو کوئی روکے نہیں
دیا جلانے سے
میں چاہتا ہوں
پرندے کو کوئی روکے نہیں
غزل سنانے سے
ہماری صورتیں دو ہیں
مگر ہیں ایک ہی ہم
اس آئینہ میں
جو دونوں کی ایک دنیا ہے
میں اس کا عکس ہوں
وہ میرا اپنا چہرہ ہے
٭٭٭
اکیلے رہ کے جینا ہے
حسن عسکری کاظمی (لاہور)
مجھے تم سے محبت ہے
مگر ایسی محبت
جس میں اب وہ گرم جوشی، بے قراری
اور تڑپ دل میں نہیں پھر بھی
مجھے تم سے محبت ہے
کہ میں نے تم کو چاہا تھا
تمہیں گھر لے کے آیا تھا
محبت رنگ لائی تھی
ہمارے پھول سے بچے
ہمارے گھر کی رونق ہیں
مگر وہ گرم جوشی، بے قراری
اور تڑپ دل میں نہیں پھر بھی
مجھے تم سے محبت ہے !
یہ سچائی زباں پر آ گئی آخر
کہ ہم اب مطمئن ہیں
اور اگر ایسا بھی ہو اک دن
جدا ہونے کا وقت آئے
تو دو آنسو بہا کر ہم
نصابِ زندگی بدلیں
ورق پر جو بھی لکھا ہو
اسے پڑھ کر نصیبِ دشمناں
بے نور آنکھوں سے
اسے مٹتے ہوئے دیکھیں
کہ انجام محبت یوں بھی ہوتا ہے
کسی اک نے خوشی سے
دوسرے کا غم بھی سہنا ہے
اکیلے رہ کے جینا ہے
یہ زہر غم بھی پینا ہے
٭٭
قطعات تشنہ بریلوی (کراچی)
بھیک
کیا مِل گیا ہے وحشتِ دل آج بھیک میں
یہ کون دے گیا ہے مجھے تاج بھیک میں
بس اک نگاہِ لطف کبھی اس طرف بھی ہو
ہر گز نہ اس فقیر کو دے راج بھیک میں
سرخ شراب
حوریانِ ارم و خُلد ہوئیں تجھ پہ نثار
تذکرے تیرے سُنے میں نے مہہ و انجم سے
وصل کی شب لبِ لعلیں سے پلا سُرخ شراب
کیا غرض جام سے مینا سے مجھے یا خُم سے
اگلا قدم
سوچو نہ اب کہ تم ہو غلط یا کہ ہم غلط
کرنا ہے سب کو مِل کے ہی اپنا یہ غم غلط
بربادیوں کے غار میں پائیں گے خود کو ہم
آگے بڑھائے قوم جو اگلا قدم غلط
ننگ دھڑنگ
ہم تیرے ہی گن گائیں گے امریکہ بہادر
ہر حُکم بجا لائیں گے امریکہ بہادر
ہم اپنی تلاشی کو بنائیں گے تماشہ
ننگے ہی چلے آئیں گے امریکہ بہادر
مخمل و ریشم
دیکھتے ہیں خواب میں ہم خوبصورت عورتیں
دن میں آتی ہیں نظر کم خوبصورت عورتیں
مرد ہو اسمارٹ پھر بھی ٹاٹ کا پیوند ہے
مثلِ مخمل، مثلِ ریشم خوبصورت عورتیں
٭٭٭
آوازِ خلق
(ٹی وی کی آواز ذرا تیز کرانے پر)
ڈاکٹر یو گیندر بہل تشنہ
(کیلی فورنیا، امریکہ)
جب سماعت تیری ہو جائے کم تشنہؔ آ گیا پیری کا موسم
کہو ہر بات پر ’’کیا، کیا‘‘!
بے بسی کا ہو چارسُو عالم
کھُسر پھُسر کرتے نظر آئیں آوازِ خلق بھی سنُو مدھم
اور ترے اپنے ہی گھر کے لوگ تری ’’ہیں ہیں ‘‘ پہ ہوں نالاں و برہم
خوف کھائیں تم سے رازِ دل کہتے مرثیہ گوش کا پڑھو ہمدم
غلط سلط شنید ہو جائے کرو سواگت پیری کا موسم
اور کٹنے لگے تم سے ہر کوئی اپنی ذات میں تشنہؔ ہو جا گُم
بلیک فارسیٹ کی ایک شام عظمیٰ صدیقی (لندن)
انگوروں کی بیلوں کے ساتھ ساتھ
ایک جنگلی پگڈنڈی پر
سانولی سرمئی حسین شام
اور
پھیلتی پرچھائیوں کے درمیان
دور چمکتا، جھلملاتا ایک ستارہ
جھیل کی ریشمی لہروں کا سرگم
سرگوشیوں کا گیت گاتی نرم ہوا
پٹریوں کی پھیلی بانہوں سے پھسلتی روشنی
اونچے کہساروں سے اترتے
وہ پرندوں کی
سبک نازک اور نرم پرواز
وہ کشادہ کشتیوں کے
رنگ برنگے بادبان
زندگی کی نرمیاں اور ریشمی سرسراہٹیں
نئی کونپلوں پہ لکھ رہی ہیں
نئے موسموں کی داستاں
On line ہی سدا رہتا ہے وہ
(یہ نظم نوجوان نسل خاص طور پر کمپیوٹر پر ’’چیٹنگ‘‘ کے شائقین کو اللہ تعالیٰ کی طرف توجہ دلانے کے لیے، کمپیوٹر ہی کی ٹرمنالوجی میں لکھی گئی ہے )
ارشاد عرشیؔ ملک (اسلام آباد)
On line ہی سدا رہتا ہے وہ
Off lineکی طرح لگتا ہے وہ
نہ Busy ہے نہ Away حاضر ہے وہ
خوب رکھتا ہے نظر ناظر ہے وہ
وہ Available ہے عرشیؔ ہر گھڑی
یہ عنایت اس کی ہے کتنی بڑی
بھیج کر دیکھو تو Message instant
وہ کبھی کرتا نہیں اس کو Reject
لازماً دیتا ہے کچھ نہ کچھ جواب
اپنے چہرے سے اٹھاتا ہے نقاب
ہاں مگر رکھتا ہے قائم کچھ حجاب
گرچہ دریا ہے پہ لگتا ہے سُراب
اس کو تم E-mail کر کے دیکھ لو
اک کرشمہ ہی ہنر کا دیکھ لو
Answer دے گا تمہیں فی الفور وہ
کر نہیں سکتا تمہیں Ignore وہ
ہاں مگر بندے کو فرصت ہی نہیں
اپنے خالق سے محبت ہی نہیں
اک جہاں سے Chat کرتا ہے مگر
Chat کی مالک سے فرصت ہی نہیں
سہ مصرعی نظمیں کاوش پرتا پگڈھی (دہلی، بھارت)
کہیں فلک کا ہے ڈر تو کہیں زمین کا ڈر
میں خواہشوں کے سروں کو کچلتا رہتا ہوں
مرے وجود کی بنیاد میں جھجک ہی جھجک
لگا کے سینہ سے بچہ کو غمزدہ زچہ
فلک کو گھور رہی ہے نہ جانے کب سے وہ
فلک میں تیر رہے ہیں لڑاکے طیارے
سب کانپ کانپ جاتے تھے جس کی دہاڑ سے
غم کا ہمالہ ایسا گرا اس کے دل پہ کہ
گہرے کنویں سے لفظوں کو اب کھینچتا ہے وہ
تم ہو آریہ زادے تو ہم بھی آریہ زادے ہیں
کس زبان سے ہم کو غیر ملکی کہتے ہو
ہم ہیں غیر ملکی تو تم بھی غیر ملکی ہو
ارادے کتنے کیے اس قدر نہ پگھلوں گا
مگر اندھیرے اجالے میں لطف کے آگے
بلا مقابلہ ہتھیار ڈال دیتا ہوں
اس نے اپنی قدرت سے آسماں بنایا ہے
اور سب کے رہنے کو یہ زمیں بنائی ہے
یہ زمیں نہ تیری ہے یہ زمیں نہ میری ہے
٭٭٭
لیکن شگفتہ نازلی (لاہور)
مانا کہ دُنیا داری میں اُن سا نہیں کوئی
پھر بھی سلوک کُچھ تو مخلصانہ چاہیے،
اُن کی ہے سرد مہری ہر انداز سے عیاں
’لیکن‘ کبھی کبھی تو مہربانہ چاہیے !
گالوں پہ رقص کرتی تھیں پلکوں کی جھالریں
پھر ہے ادا سے دیکھنا، تعریف کیا کریں،
چہرے پہ سایہ لرزاں تھا معصوم سوچ کا
’لیکن، ہے پھر جو پُوچھنا، تعریف کیا کریں !
سب کچھ تمہیں جچا ہے، ذرا عکس دیکھ لو
غصہ تمہارا اس لئے ہی بے سبب کا ہے،
سارے ہی گہنے یوں تو ہیں اپنی جگہ پہ خوب
’لیکن، تمہارے ماتھے پہ جھُومر غضب کا ہے !
کب تک کریں گے صرف پیسے آنے جانے میں
مہنگائی کا زمانہ ہے اب جائیے نہیں
سارے سُروں پہ طبع آزمائی کر چُکے
’لیکن، خدا کے واسطے اب گائیے نہیں !
٭٭٭
فیصل عظیم (کینیڈا)
شام ڈھلے
اور سنائیں کیسی گزری
یاد ہے وہ دن
جس دن آپ نے آنکھیں بند کری تھیں
اس دن سوچ رہا تھا
ساری عمر کا رونا ہے یہ
کچھ دن بعد بھی ہو سکتا ہے
آپ کو میں بس پوری، خشک، کھلی آنکھوں سے دیکھ رہا تھا
آپ نے کیا وہ سب دیکھا تھا؟
تب سے اب تک
میری آنکھوں میں بس ایک سوال لکھا ہے
’’آپ کو مجھ سے کیا کہنا تھا؟‘‘
خیر اب چھوڑیں، اب کیا پوچھوں !
اور سنائیں کیسی گزری۔۔۔۔
٭٭٭
Adhocism
جتنا کھایا، کھایا
او ر پھر جتنا بچا تھا
اس کو تھرمو پور کے اک ڈبے میں رکھا
اور عرصے سے
گتے کے ڈبوں، کاغذ کی پلیٹوں،
پلاسٹک کے چمچوں کے بیچ پڑا ہوں
ڈبہ کھول کے تھوڑا تھوڑا
اپنے آپ کو چکھ لیتا ہوں
اور پھر خود ہی
ڈبہ روز بدل لیتا ہوں
٭٭٭
فسادیوں سے !
محمد عثمان جامعی (کراچی)
یہ نُکڑ پہ جو بند ہے چائے خانہ
نشاں ہے مُحلّے کا برسوں پُرانا
یہ ہوٹل سلامت رہے گا، کھُلے گا
کھُلے گا
کراچی تُو زندہ رہے گا
بنارس پہ جو قافلہ رُک گیا ہے
جو اس چوک پر کب سے خائف کھڑا ہے
یقیناً وہ بے خوف ہو کر چلے گا
چلے گا
کراچی تُو زندہ رہے گا
سڑک کے کنارے وہ موچی کی پیٹی
کئی روز سے جس پہ تالا پڑا ہے
کسی صبح موچی یہیں پر مِلے گا
مِلے گا
کراچی تُو زندہ رہے گا
وہ ارضِ اورنگی کا ننھا سے بچہ
جو گولی کی تڑ تڑ سے ڈر سا گیا ہے
وہ گلیوں میں دوڑے گا، کھیلے ہنسے گا
ہنسے گا
کراچی تُو زندہ رہے گا
وہ رکشا جو ڈر کے نہیں چل رہا ہے
کہیں کچے گھر پہ جو سہما کھڑا ہے
وہ لانذھی کی گلیوں میں پھِر سے اُڑے گا
اُڑے گا
کراچی تُو زندہ رہے گا
وہ انچولی گلشن کے خوش باش لڑکے
ا لآصف پہ کھانے نہیں آ رہے جو
الآصف پہ پھر ان کا میلہ لگے گا
لگے گا
کراچی تُو زندہ رہے گا
وہ مزدا، وہ کنڈکٹروں کی صدائیں
جو اردو میں پشتو کے تیور جگائیں
یہ لہجہ سماعت میں گونجا کرے گا
کرے گا
کراچی تُو زندہ رہے گا
پرے شہر سے جو دکاں پان کی ہے
کئی روز سے جو نہیں کھُل سکی ہے
شٹر اس کا سورج کو لے کر اُٹھے گا
اُٹھے گا
کراچی تُو زندہ رہے گا
٭٭٭
نوید سروش (میر پور خاص)
واپسی
جب وہ اس راہ سے گزرتی تھی
ایسا محسوس مجھ کو ہوتا تھا
جیسے رقصاں ہو زندگی میری
میرے سپنوں کی وادیوں میں مدام
میٹھے نغمے مجھے سناتی تھی
نغمہ ہائے لطیف گاتی تھی
اپنے دل کش سُروں کے جادو سے
فتنے محشر کے وہ جگاتی تھی
وہ حسیں دل نشیں ماہ جبیں
اپنی نظروں کو جب اُٹھاتی تھی
دل یہ محسوس کرنے لگتا تھا
زندگی جیسے لوٹ آئی ہے
جان مردے میں ڈالنے کے لیے
وہ مسیحا نفس نگاہوں سے
جب کبھی مجھ کو دیکھ لیتی تھی
دل کے دامن میں ڈال دیتی تھی
ان گنت پیار کے مہکتے پھول
اور پھر زندگی مہکتی تھی
٭٭٭
فیصلہ
میں اور وہ خوف کے سائے میں
خوابوں کے ساتھ چلتے چلتے
جذبات کی راہ پر
پیار کی بے اعتباری میں
اُس منزل پر آ پہنچے ہیں
جہاں پہنچ کر
دردِ جدائی سہہ نہیں سکتے
مل کے اکٹھے رہ نہیں سکتے
میں تجھے پھر ملوں گی
کہاں ؟ کس طرح؟ نہیں معلوم
شاید تیرے تخیل کی چنگاری بن کر
تیری کینوس پر اتروں گی
یا شاید تیری کینوس کے اوپر
ایک رہسمے ریکھا بن کر
خاموش ہوئی تجھے دیکھتی رہوں گی
یا شاید سُوریہ کی لو بن کر
تیرے رنگوں میں گھُلوں گی
یا رنگ کے بازوں میں بیٹھ کر
تیری کینوس سے لپٹوں گی
پتا نہیں کس طرح۔ کہاں
پر تجھے ضرور ملوں گی۔
یا شاید ایک چشمہ بنی رہوں گی
اور جیسے جھرنوں کا پانی اُمڈتا
میں پانی کی بوندیں
تیرے جسم پر ملوں گی
اور ایک ٹھنڈک۔ سی بن کر
تیرے سینے کے ساتھ لگوں گی۔۔۔۔
میں اور کچھ نہیں جانتی
پر اتنا جانتی ہوں
کہ وقت جو بھی کرے گا
یہ جنم میرے۔ ساتھ چلے گا۔۔۔۔
یہ جسم ختم ہوتا ہے
تب سب کچھ ختم ہوتا ہے
پر سمرتیوں کے دھاگے
کائناتی کنوں کے ہوتے ہیں
میں اُن کنو کو چُنوں گی
دھاگو کو لپیٹوں گی
اور تجھے میں پھر ملوں گی۔
امرتا پریتم کی آخری نظم (امروز کے لیے )
ترجمہ: ڈاکٹر رینو بہل (چندی گڑھ، بھارت)
٭٭٭
ہوا کے دوش پر
( ایک عام آدمی کی داستان حیات )
فیروز عالم (کیلی فورنیا، امریکہ )
رب نے جو کی ہے آج یہ عزت عطا مجھے
لگتا ہے لگ گئی میری ماں کی دعا مجھے
(مونا شہاب)
پیش گفتار
نہ ہے قبر دارا نہ گورِ سکندر
مٹے نامیوں کے نشاں کیسے کیسے
انسانی تاریخ کے ہر دور میں نامی گرامی شخصیتوں نے جنم لیا اور انہوں نے انسانی تاریخ پر کبھی نا مٹنے والے نقوش چھوڑے۔ ان کے کارناموں سے ان کا نام آج بھی زندہ ہے مگر انکی اپنی ہستی فانی تھی اور بالآخر ہر ایک کو خاک میں مل جانا تھا۔زندگی کی اس تمثیل میں جو دن رات روئے زمین پر کھیلی جاتی ہے ہر فرد اپنا کردار بمثل دھا گے میں بندھی کٹھ پتلیوں کے، ادا کر کے دوسری دنیا کو رخصت ہو جاتا ہے۔ان میں چند تاریخ ساز شخصیات ہوتی ہیں مگر باقی سب ایک عام اور نا قابل ذکر زندگی گذار کر عدم کو سدھارتے ہیں۔ لیکن اگر غور سے دیکھا جائے تو انسانی زندگی اور اس کا یہ سفر اتنا رنگا رنگ اور ڈرامائی ہے کہ ہر شخص چاہے اس کی زندگی کتنی ہی عام اور بظاہر سادہ ہو، اپنے طور پر ایک کہانی ہے صرف یہ کہ ہم اپنے آپ میں اس قدر مصروف اور مگن ہو تے ہیں کہ ہمیں دوسروں کی زندگی پر نظر ڈالنے کی نہ تو فرصت ہوتی ہے نہ ہی اس کی چاہت!
میں یہ آپ بیتی کیوں لکھ رہا ہوں۔ میرے پاس اس کا کوئی ایسا جواب نہیں جس سے میرے معترضین مکمل طور پر مطمئن ہو سکیں کیونکہ میں کوئی مشہور یا نامی گرامی انسان نہیں میں تو ایک عام، بیحد عام انسان ہوں۔نہ ہی میں نے کوئی ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس سے مجھے اپنے بعد آنے والے زمانے میں یا د رکھا جائے گا نہ ہی میں نے اپنی زندگی میں شہرت کی ایسی کسی بلندی کو چھوا ہے جس کی وجہ سے زمانۂ حال میں میرے نام کے ڈنکے بج رہے ہوں۔مگر جیسا میں نے لکھا ہے ہر زندگی بذات خود ایک کہانی ہے میری بھی زندگی کے اتار چڑھاؤ، اس کی دھوپ چھاؤں، اس کی بل کھاتی رہ گزر، کم از کم میرے اپنے لئے کسی ناول سے کم دلچسپ نہیں۔
ایک طویل اور تھکا دینے والے دن کے اختتام اور رات کی آمد پر، کچھ دیر پہلے نیند سے، جب میں تنہائی میں اپنی بزم خیال سجاتا ہوں اور ماضی کے دریچے کھولتا ہوں تو کتنے ہی چہرے، کتنے ہی لمحات اور کیسے کیسے واقعات میری نگاہوں کے سامنے یادوں کی چادر تان دیتے ہیں میں انہیں اگر اور کسی کے لئے نہیں تو کم از کم اپنے آپ کے لئے محفوظ کرنا چاہتا ہوں تاکہ فرصت میں انہیں پڑھ کر اپنے تصور ہی میں دوبارہ ان را ہوں پر چل سکوں جہاں میرے نقش پا ثبت ہیں۔
میں نے پیشہ بھی ایسا اپنایا ہے جہاں روز ایک نئی کہانی جنم لیتی ہے اور میں نے موت و زندگی کا کھیل بڑے قریب سے دیکھا ہے۔ ایسے لوگ بھی دیکھے جنہوں نے موت کو مسکرا کر ایک اٹل حقیقت اور زندگی کا قدرتی انجام سمجھتے ہوئے قبول کیا اور ایسے بھی جو موت کا تصور کر کے ہی ریزہ ریزہ اور پاش پاش ہو جاتے تھے۔یہ سب ان کہی کہانیاں، اور یہ انسانی جذبات جن کو میں نے اپنی آنکھ اور اپنے درد مند دل سے دیکھا اس بات کے متقاضی تھے کہ میں ان کو اپنی یادداشتوں میں قلم بند کروں اس کتاب کو لکھنے کی ایک بڑی تحریک یہ بھی تھی کہ میں اپنے بچوں حماد اور حرا کو اپنی زند گی کی کہانی سنانا چاہتا تھا۔میں چاہتا تھا کہ انہیں معلوم ہو کہ میں کن راستوں سے گزر کر اپنی موجودہ منزل تک پہنچا ہوں۔ میرا مقصد اس سے ان میں حوصلے اور ولولے کی ایک آگ لگانا تھا اور انہیں یہ پیغام دینا تھا کہ بقول قابل اجمیری
حوصلے آ گ کو گلزار بنا دیتے ہیں
اس کے علاوہ جب میں نے اپنے اس ارادے کا ذکر اپنے احباب سے کیا تو اس منصوبے کے بارے میں میں نے ان میں شدید جوش و خروش پایا۔ان کا خیال تھا اور اس سے میرے اپنے خاندان کے بھی کچھ لوگ متفق تھے کہ یہ نہ صرف میری آپ بیتی ہو گی بلکہ اس سے میرے خاندان کی اور میرپور خاص کے ایک اہم دور کی تاریخ بھی رقم ہو جائے گی اس سے ایسے بہت سے لو گ ہمارے تصور میں دوبارہ جی اٹھیں گے جن کے تذکرے تو نجی محفلوں میں ہو تے ہیں مگر ان کا ذکر کہیں محفوظ نہیں ہے اور موجودہ نسلوں کے گزر نے کے بعد ان کو بھلا دیا جائے گا۔میرپور خاص جہاں میرا بچپن اور لڑکپن کے ایام گزرے وہاں ایسی کئی شخصیات تھیں جن کے نہ صرف مجھ پر بلکہ پورے شہر پر بڑے احسانات تھے۔ انہوں نے اس شہر کی تعلیمی اور ثقافتی زندگی میں بہت اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔ اپنے آپ کو میں اِن کا مقروض خیال کرتا ہوں۔ پھر یہ بھی خیال آیا کہ اس آپ بیتی کے قارئین عام عوام نہیں بلکہ ایک محدود حلقہ ہو گاجس میں میرے احباب اور صرف میرے قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔یہی سوچتے ہوئے میں نے اس کی تصنیف کا بیڑا اٹھا لیا۔
ایک دفعہ لکھنا شروع کیا تو لکھنے میں بڑا لطف آ نے لگا کیونکہ وہ سارا گزرا ہوا دور جو اگرچہ یادوں میں محفوظ تھا مگر کچھ پس منظر میں چلا گیا تھا ایک بار پھر واضح ہو کر نگاہوں کے سامنے آ گیا ایسا لگا کہ ہر واقعہ کل کی بات ہو اور میں نے وقت کی سوئیاں پیچھے گھما دی ہوں لگتا ہی نہ تھا کہ اتنے ماہ و سال بیت چکے ہیں اور میں زندگی کے اس دور میں داخل ہو چکا ہوں جہاں اب زندگی کی شام ہو چلی ہے اور وقت کا سورج میرے لئے ہمیشہ کے لئے ڈھل چکا ہے۔
میں نے یہ بات پہلے بھی اپنے احباب سے کہی ہے کہ زندگی تو ایک ہی اننگ کا کھیل ہے۔میری اننگ بھی اب اختتام کو پہنچا چاہتی ہے۔ اب مزید کسی نئے موڑ کی توقع نہیں جو ملنا تھا مل چکا، جو کچھ ہو نا تھا ہو چکا۔جتنے فیصلے کرنے تھے کر لئے۔صحیح یا غلط۔۔ انکی ذمہ داری میری تھی ہر شخص کی طرح مجھے بھی کچھ پچھتا وے ہیں۔کبھی کبھی خیال آتا ہے کہ فلاں دورا ہے پر یہ نہیں وہ موڑ کاٹنا چاہئے تھا مگر مستقبل توسب ہی کے لئے ان دیکھا ہوتا ہے۔
مجموعی طور پر ایک بھر پور اور کامیاب زندگی گذاری اس سے کہیں زیادہ نام اور عزت ملی جس کا میں حقدار تھا۔ اس کامیابی میں میری اپنی کوششوں سے کہیں زیادہ باری تعالیٰ کا کرم شامل ہے جس کے لئے میں اس کا بیحد شکر گذار ہوں۔
کتاب زندگی
یہ ۱۹۸۸ کا موسم گرما تھا۔ میں امریکہ میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے اٹھارہ سال بیحد کامیابی کے ساتھ گزارنے کے بعد کچھ عرصہ کے لئے واپس آ کر کراچی کے مشہور ہسپتال آغا خان یو نیورسٹی میڈیکل سینٹر میں امراض گردہ کا شعبہ ترتیب دے رہا تھا۔ڈیپارٹمنٹ آف میڈیسن کا انتظامی عملہ چھوٹا تھا مگر اپنے کام میں نہ صرف یہ لوگ ماہر تھے بلکہ ان کا اخلاق بھی بہت اچھا تھا اور وہ ہم تمام ڈاکٹرز سے نہایت ادب اور عزت سے پیش آ تے تھے۔خاص طور سے administrative executive اکبر ہیرانی اور میری سیکریٹری روزینہ میری ذمہ داریوں میں میرے بہت معاون اور مدد گار تھے۔
ایک دن میں وارڈ میں طویل راؤنڈ ختم کر کے جب اپنے آفس میں واپس آیا تو روزینہ نے مجھے بتایا کہ ٹیلکس آپریٹر یاسمین کا میرے نام پیغام ہے کہ میں پہلی فرصت میں وہاں پہنچوں۔کوئی پرسنل ٹیلکس ہے۔۔ ٹیلیکس کا چھوٹا ساکمرہ ڈپارٹمنٹ آف سرجری کے پیچھے تھا مگر میرا وہاں جانا اس سے پہلے نہیں ہوا تھا۔ اس لئے کہ امریکہ میں میرے جن لوگوں سے رابطے تھے وہ مجھ سے فون پر بات چیت کر لیتے تھے اور باقی خط کتابت اسپیشل کوریر سروس کے ذریعہ ہوتی تھی۔ میں تھوڑا سا حیران ہوتے ہوئے ٹیلیکس کے کمرے کی جانب روانہ ہوا کہ کون مجھے اتنا اہم اور ذاتی سا ٹیلکس بھیج سکتا ہے جسے وصول کرنے مجھے خود ہی جان پڑ رہا ہے۔۔
یاسمین نے مجھے ٹیلکس دکھایا۔
سعودی عرب کے سب سے جدید، سب سے زیادہ با عزت اور شاہی خاندان کے خاص منظور نظر ہسپتال، شاہ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال کے ایڈ منسٹریٹرکا ٹیلکس تھا انہوں نے مجھے دو ماہ کے لئے اپنے شعبۂ امراض گردہ میں VISITING PROFESSOR کے طور پر آنے کی دعوت دی تھی۔ سعودی عرب کے مختصر قیام کے دوران جب میں وہاں شاہ سعود یونیورسٹی کالج آف میڈیسن میں اسسٹنٹ پروفیسر تھا میں نے ریاض کی میڈیکل کانفرنسوں میں کچھ لیکچر دئے تھے اور ایک دو دفعہ مجھے شاہ فیصل ہسپتال میں بھی مہمان لیکچر ر کے طور پر مدعو کیا گیا تا تھا۔
میں اس زمانے میں نیا نیا امریکہ کیMOST PRESTIGEOUS UNIVERSITY یعنی یونیورسٹی آف شکاگو سے پوسٹ ڈاکٹرل فیلوشپ کر کے اور مشہور عالم اساتذہ کے ساتھ دوسال گذار کر فارغ ا لتحصیل ہو ا تھا۔اس سے پہلے میں نے یو نیورسٹی آف الی نائے میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے دس سال امریکی طلبہ کو تعلیم دی تھی۔
ریاض کے ہسپتالوں اور میڈیکل کالجوں میں میرے لیکچرز کی بڑی شہرت تھی اور اس سے بھی زیادہ اس زاویہ کی جو میں نے انہیں اپنے امریکی پس منظر کی وجہ دکھایا تھا۔۔ شاہ فیصل ہسپتال کے مدیر نے اپنے ٹیلکس میں انہی کا حوالہ دیا تھا۔اسے یہ بھی معلوم تھا کہ مجھے سعودی عرب کی مستقل ملازمت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
ظاہری طور پر یہ پیشکش بہت اچھی تھی۔مشاہرہ آغا خان ہسپتال سے چھ گنا تھا۔اس زمانے میں میں تھوڑا سا آغا خان ہسپتال سے دل برداشتہ بھی تھا۔ مگر کچھ مسئلے بھی تھے۔پہلا تو یہ کہ آغا خان ہسپتال سے دو ماہ کی چھٹی ملنا مشکل بلکہ نا ممکن تھی دوسرے مجھے اپنے بچوں کو چھوڑ کر اکیلا جانا تھا۔ پھر سعودی عرب کے کلچر اور ماحول سے بھی مجھے کوئی لگاؤ نہ تھا اور آخیر یہ کہ شاہ فیصل ہسپتال کے شعبہ گردہ میں جو دو فلسطینی ڈاکٹر کام کر رہے تھے ان سے ریاض کے قیام میں میرا مزاج بالکل نہیں ملا تھا۔اگرچہ یہ دونوں بھی امریکہ ہی میں پڑھے تھے مگر انہوں نے امریکہ میں اتنا عرصہ نہیں گذارا تھا جتنا میں نے۔۔شاید تین یا چار سال گزارے تھے اس لئے انکی سوچ میں امریکی فراغ دلی نہیں آئی تھی اور میں نے محسوس کیا تھا کہ انکی سوچ بڑی حد تک تیسری دنیا ہی کی طرح تھی۔
آغا خان ہسپتال میں میرے سب سے گہرے دوست، مددگار اور مشیر پروفیسر ڈاکٹر عطا خان صاحب تھے انہوں نے نہ صرف آغا خان میں میرا بہت ساتھ دیا بلکہ وہ آج بھی میرے سب سے اچھے اور مخلص ساتھی ہیں۔ وہ مجھ سے بہت سینئر ہیں انہوں بھی ڈاکٹری کے میدان میں ایک شاندار زندگی گذاری ہے۔ اللہ نے انہیں بڑی شہرت دی اور پاکستان میں تمام بڑے اور مشہور لوگ انکے زیر علاج رہے جن میں ملکہ ترنم نور جہاں، سندھ کے وزیر اعلی جام صادق علی، ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین اور مخدوم طالب المولیٰ شامل ہیں میں نے اس معاملے پر ان سے مشورہ کرنا اور انکی رائے لینا مناسب سمجھا۔
خوش قسمتی سے اس وقت وہ آغا خان ہسپتال میں ہمارے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ تھے۔میں نے ان سے مشورہ کیا۔انہوں نے فوراً میری چھٹی کا معاملہ حل کر دیا کیونکہ یہ تو انہی کے ہاتھ میں تھی۔دوسرے مسائل کے بارے میں بھی انہوں نے میری ہمت بڑھائی ان کا فیصلہ تھا کہ مجھے یقیناً یہ پیشکش قبول کر لینی چاہئے۔انکے لحاظ سے اس سے کچھ میری آب و ہوا بھی تبدیل ہو جائے گی اور میں دو ماہ میں تازہ دم ہو کر واپس آؤں گا اور آغا خان ہسپتال میں زیادہ جوش و جذبہ سے کام کروں گا۔
میں نے دوسرے دن شاہ فیصل ہسپتال کو اپنی رضامندی کا ٹیلیکس روانہ کر دیا۔اگرچہ ان کو میرا سارا تعلیمی اور پیشہ ورانہ پس منظر معلوم تھا پھر بھی سرکاری روایات کے مطابق انہوں نے تمام کوائف کی اسناد مانگیں جو میں نے کورئر سروس کے ذریعہ انہیں روانہ کر دیں۔تیسرے ہی دن ان کا ایک پلندہ مجھے وصول ہوا جس میں اور چیزوں کے علاوہ اس بات کی بھی ہدایت تھی کہ میرے متعلق کراچی کے سعودی کونسلیٹ کو تمام کاغذات بھیج دئے گئے ہیں اور میرا اسپیشل ویزا اور فرسٹ کلاس کا ٹکٹ وہاں میرا منتظر ہو گا۔مجھے تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ سعودی کانسلیٹ کراچی میں کہاں واقع ہے۔ڈاکٹر عطا خان تو چونکہ آئے ہی سعودی عرب سے تھے اس لئے انہوں نے میری رہنمائی کی۔دوسرے دن جب میں انہی کے ساتھ ڈیفنس سوسائیٹی میں مسجد سلطان کے پاس سعودی کونسلیٹ پہنچا تو میں یہ دیکھ کر حیران ہو گیا کہ وہاں ایک جم غفیر موجود تھا۔ایک چھوٹی سی کھڑکی تھی اس تک پہنچنے کے لئے لوگ دست و گریباں تھے اور ایک طرح کا لاٹھی چارج ہو رہا تھا۔ہمارے محنت کش سعودی عرب جانے کے لئے اور باقی لوگ زیارات کے لئے ویزا کے متلاشی تھے۔ہماری تیسری دنیا کی روایات کے عین مطابق نہ تو ویزا کے امیدواروں میں کسی قسم کا نظم و ضبط تھا نہ ہی سعودی کونسلیٹ کے حکام نے کسی قسم کے نظم و ضبط کا انتظام کیا تھا۔مجھے عطا خان نے بتایا کہ یہ تو روز کا معمول ہے اور ویزا کے امیدواروں کو روز ہی ان مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے۔میں نے وہاں کھڑے سعودی سیکیورٹی گارڈ سے کہا بھی کہ وہ اندر خبر پہنچائے کہ ڈاکٹر فیروز عالم آئے ہیں اور ان کا خاص کیس ہے مگر اس نے مجھے قابل غور نہ سمجھا۔میں تو یہ دیکھ کر سخت بد مزہ ہوا اور میں نے عطا خان سے کہا فوراً واپس چلیں مجھے سعودی عرب نہیں جانا۔حالانکہ انہوں نے مجھے سمجھا نے کی کوشش کی مگر جو لوگ میری فطرت جانتے ہیں انہیں اس بات کا یقین آ جائے گا کہ میں آج بھی ایسے کسی جھنجھٹ میں پڑنا نہیں چاہتا اور ان چیزوں سے بہت گھبراتا اور دل برداشتہ ہوتا ہوں۔میں الٹے قدم واپس آیا اور ایک مہذب مگر صاف خط میں نے فیکس کے ذریعہ شاہ فیصل ہسپتا ل کے ایڈ منسٹریٹر کو لکھا جس میں یہ سب تفصیل بتا کر کہا کہ میرا کانٹریکٹ کینسل کریں مجھے سعودی عرب نہیں آنا۔چند ہی گھنٹوں بعد میری سیکریٹری نے مجھے اطلاع دی کہ سعودی عرب سے میری کال ہے۔فیصل ہسپتا ل کے ایڈ منسٹریٹر کا پی اے لائین پر تھا اس نے کہا آپ کو سعودی عرب کو نسلیٹ جانے کی ضرورت نہیں وہ لوگ خود آپ سے رابطہ کریں گے۔
تھوڑی ہی دیر بعد سعودی کونسلیٹ والوں کا فون آیا کہ کل صبح سعودی کونسلیٹ کی کار مجھے لینے آغا خان ہسپتال آئیگی میں تیار رہوں۔دوسرے دن میں سعودی کار میں کونسلیٹ پہنچا۔ مجھے خاص دروازے سے اندر لے جایا گیا۔اسسٹنٹ کونسلر نے اپنے کمرے میں میرا استقبال کیا۔وہ خود امریکا سے پڑھ کر آیا تھا اور بہت مہذب تھا۔اس نے اصرار کر کے سعودی چائے پلائی اور مجھ سے اپنے امریکا کے دنوں کی باتیں کرتا رہا۔پھر مجھ سے ریاض اور شاہ فیصل ہسپتال کے متعلق فخر سے کہنے لگا کہ مملکت کی پوری کوشش ہے کہ اس شہر اور اس ہسپتال کا معیار امریکا کی ٹکر کا ہو۔ایک حد تک وہ صحیح بھی تھا۔رات کے وقت ریاض کسی بھی امریکی شہر جیسا ہی لگتا تھا اور شاہ فیصل ہسپتال کی عمارتیں، مشینیں اور وسائل امریکا کے کسی بھی ہسپتال جیسے تھے۔میں دیانت داری سے اس کے خیالات سے متفق تھا س پر وہ خوش ہوا۔بہر حال میرا ٹکٹ اور کاغذات تیار تھے میں نے وہ پیکٹ اٹھایا اور گھر کی راہ لی۔
تین ہفتے بعد میں کراچی ائر پورٹ کے فرسٹ کلاس لاؤنج میں سعودی ائر لائین کی ریاض جانے والی پرواز کا منتظر تھا۔تھوڑی دیر بعد ایک مائکرو بس ہمیں جہاز میں سوار کروانے آ پہنچی۔اس وقت تک کراچی کا قائد اعظم ٹرمنل تیار نہیں ہوا تھا۔جمبو جیٹ کے فرسٹ کلاس کیبن میں داخل ہو تے ہی ایک خوش مزاج اور خوش شکل فضائی میز بان نے جس کا تعلق اردن سے تھا نہ صرف مسکرا کر میرا استقبال کیا بلکہ میرا کوٹ اتارنے میں میری مدد کی پیشکش کی جو میں نے مسکرا کر رد کر دی۔میرا تجربہ ہے کہ ہوائی جہاز کے کیبن بلندی پر جا کر سخت سرد ہو جاتے ہیں اور عملے سے بار بار کہنے کے باوجود ان کا درجۂ حرارت میرے لحاظ سے ہمیشہ سرد ہی رہتا ہے۔پورے فرسٹ کلاس کیبن میں صرف دو مسافر تھے ایک میں اور ایک سعودی بزنس مین۔تھوڑی دیر بعد مجھے تازہ کشید کیا ہوا موسمی کا عرق ایک بلوریں گلاس میں پیش کیا گیا اور پھر ریاض پر اترنے تک جتنی توجہ اور ضیافت ممکن تھی اس مہربان خاتون نے جاری رکھی۔
ریاض کے انتہائی جدید اور خوبصورت ائر پورٹ پر جہاں شیشے کی چھتوں سے چھن چھن کر سورج کی شعاعیں اندرون خانہ لگے رنگ برنگ پھولوں کے تختوں پر منعکس ہو رہی تھیں اور بڑے بڑے فوارے پانی اچھال رہے تھے ایک سعودی بڑی سی تختی لئے کھڑا تھا جس پر میرا نام لکھا تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ باہر ایک لیموزین میرا انتظار کر رہی ہے اور شاہ فیصل ہسپتال کے مہمان خانے میں ایک آراستہ PENTHOUSEمیرا منتظر ہے۔
ایسے لمحات تو میری زندگی میں پہلے بھی آئے تھے جب پہلے پہل میرے ڈیٹرائیٹ پہنچنے پر ایک امریکی عورت نے نہایت جدید انداز سے آراستہ کمرہ مجھے کھول کر دکھایا تھا اور میرے آرام کی ہر چیز مہیا کی تھی۔ یا پھر جب میں جھیل سینٹ کلئر کے کنارے واقع گروس پائینٹ یاٹ کلب میں پروفیسرڈاکٹر جارج فشر کی دعوت پر مدعو کیا گیا تھا۔ یہ دعوت اس اعزاز میں تھی کہ مجھے اپنے اسپتال میں چیف ریز یڈنٹ مقرر کیا گیا تھا اور اس کے وسیع و عریض ڈائینگ روم میں، میں تنہا ایشین تھا۔بعد میں مجھے یہ معلوم ہوا تھا کہ یہ کلب اس قدر EXCLUSIVE ہے کہ گورے یہودیوں کو بھی اس کی ممبر شپ نہیں ملتی اور کوئی بھی یہاں صرف کسی ممبر کی دعوت پر ہی ڈنر میں شریک ہو سکتا ہے۔یہ ’’یاٹ کلب ‘‘ڈیٹرائیٹ کی ایسی مضافاتی بستی میں تھا جہاں ہنری فورڈ اور اسی سطح کے امریکی امراء رہتے تھے۔
اور سب سے آ خیر میں یہ کہ جب مجھے فلے ڈلفیا میں امریکہ کے سب سے قابل احترام ادارے یعنی امریکن کا لج آف فزیشن کی فیلو شپ کی خلعت پہنائی گئی تھی۔۔ مگر اس کے باوجود سعودی عرب کی سر زمین پر اس استقبال نے مجھے جذباتی کر دیا۔۔یا اللہ!! میں نے سوچا یہ عزت، یہ اہمیت، کیا میں اس کے قابل ہوں یا یہ تیرا خاص انعام ہے۔۔ مگر کیوں ؟؟ میں تو اس کا ہر گز اہل نہیں۔ یہ کس کی دعاؤں کا اثر ہے یہ کس کی نیکیوں کا صلہ ہے۔۔ میرے تصور میں میری ماں کا شفیق چہرا ابھرا اور میرے کانوں میں ایک مترنم آواز گونجی۔۔
میری بار کیوں دیر اتنی کری
یہ وہ مناجات تھی جو میری والدہ با قاعدگی سے صبح فجر کی نماز کے بعد پڑھتی تھیں اور میری آنکھ روز اسی آواز سے کھلتی تھی۔
مجھے معلوم تھا کہ باہر لوگ میرا انتظار کر رہے ہیں۔۔مگر ٹھہرئیے۔۔؟ میری زندگی یہاں سے شروع نہیں ہو تی اس کے لئے تو مجھے اپنی کتاب زندگی کے کچھ اوراق پلٹنے ہونگے۔
ابتداء
میں پیدا تو تقسیم ہند سے کچھ پہلے راجپوتانے کے مشہور شہر جودھپور میں ہوا تھا مگر میں نے ہوش سندھ کے شہر میرپور خاص میں سنبھالاجو ا سوقت پاکستان کے سب سے بڑے ضلع یعنی تھرپارکر کا دارالحکومت تھا۔ جودھ پور مجھے بالکل یاد نہیں اور اگر اس کی کچھ باتیں مجھے مٹی مٹی تصویروں کی طرح یاد بھی ہیں تو وہ صرف اس وجہ سے ہیں کہ بچپن میں میں نے اپنے گھر میں اس شہر کی بہت سی باتیں بار بار سنی ہیں۔
ہمارا خاندان مراد آباد یو پی سے تعلق رکھتا تھا مگر کنبہ کے کچھ لوگ سرکاری ملازمت کی تلاش میں جودھپور میں بس گئے تھے۔ یہ بیسویں صدی کے نصف اول کا قصہ ہے جب ہندوستان میں انگریزی حکومت کا سورج نصف النہار پر پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا۔راجپوتانے میں ریلوے کا جال بچھا یا جا رہا تھا اور انگریزوں کی مدد سے ریاستی حکومتیں ایسے لوگوں کو تلاش کر رہی تھیں جو تعلیم یافتہ تھے اور ٹیکنکل علم یا صلاحیت رکھتے تھے۔ میرے خاندان میں مغربی علوم کا رواج سر سید کی تحریک کے ساتھ ہی ہو گیا تھا اس لئے میرے بزرگوں کے پاس وہ علم و ہنر تھا جس کی جودھ پور ریا ست کو تلاش تھی۔
اگرچہ یہ لوگ جودھ پور میں آ بسے تھے مگر نہ صرف انکی تہذیب مکمل طور پر یو پی کی تہذیب تھی بلکہ یہ اپنی تہذیب، نشست و برخواست اور زبان کا سختی سے تحفظ کرتے تھے۔ اس بات کا خاص خیال تھا کہ مقامی ماحول کی وجہ سے بچوں کی زبان نہ بگڑ جائے۔گھر میں خواتین کی گفتگو یو پی کی شفاف اور نکھری ہوئی اردو کا رنگ لئے ہو تی تھی اور مرد حضرات اپنے مہذب انداز اور خوش کلامی سے آئندہ نسلوں کے لئے مشعل راہ تھے۔اس زمانے میں جودھ پور میں ہمارے کنبے کے علاوہ یو پی کے کچھ اور خاندان بھی آ بسے تھے (جیسے عظیم بیگ چغتائی کا گھرانہ) اپنے وطن سے دوری اور تہذیبی مماثلت نے ان گھرانوں کو ایک دوسرے سے قریب کر دیا تھا اور اس طرح جودھ پور میں یو پی سے تعلق رکھنے والوں کا ایک خصوصی حلقہ وجود میں آ گیا تھا۔مجھے یقین ہے کہ جیسے بعد میں پاکستان میں ہوا کہ اس قسم کے لو گوں کے اس تہذیبی تفخر نے مقامی آ بادی میں ان کے لئے پہلے نا پسندیدگی اور بعد میں نفرت اور ٹکراؤ کی صورت حال پیدا کر دی۔ یہ برتاؤ جودھپور میں بھی مقامی آبادی کو پسند تو نہ ہو گا مگر وہ زمانہ شاید زیادہ رواداری کا تھا اس لئے میں نے ایسا کوئی واقعہ نہیں سنا جس سے ان تا رکین وطن اور مقامی آبادی میں کسی قسم کی رنجش پیدا ہوئی ہو۔مجھے یہ بتایا گیا ہے کہ جودھ پور کی مقامی آبادی جس میں ہندو اور مسلم دونوں شامل تھے ان لوگوں سے بڑی محبت کا سلو ک کر تے تھے اور اس طبقہ کو شہر میں ایک خاص عزت حاصل تھی۔جودھ پور میں بسنے کے با وجود میرے بزرگ پابندی سے چھٹیوں میں مراد آباد جاتے تھے (میرے بڑے بھائی کی پیدائش مراد آباد ہی میں ہوئی) اور دنیا کے تمام ایسے عارضی محنت کشوں کی طرح جو آج بھی ریٹائیر منٹ کے بعد اپنے ملک لوٹ جانے کی تمنا رکھتے ہیں میرے وہ بزرگ جو ریٹائیر ہو چکے تھے واپس مرادآباد جا کر بس گئے تھے۔
میں ذہنی اور جذباتی طور پر تمام عمر اپنے ننیھال سے زیادہ قریب رہا اس لئے اپنے خاندانی پس منظر کی تفصیل بیان کرنے کے لئے میں اپنے ننیھال ہی سے شروع کرتا ہوں۔
خاندان کے جد امجد جن کے بعد سے معتبر طور پر تاریخ اور روایت محفوظ ہے سید انور علی شاہ ہیں جو غالباً ۱۸۴۵میں مراد آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے انگریزی تعلیم حاصل کی اوراسسٹنٹ جج کے عہدے تک ترقی کی۔ یہ اس زمانے میں بڑی بات تھی۔ تعلیم کی وجہ سے ذہن روشن ہو گیا تھا اس لئے خود تعلیم کے بہت بڑے مداح تھے اور اس بات کے حامی تھے کہ لڑکیوں میں بھی تعلیم ضروری ہے۔سنا ہے ان میں کچھ ترک خون کی آمیزش تھی یہ خود بڑے گورے چٹے تھے اور انکی اولادوں میں آج بھی ایسے کئی افراد ہیں جن کا رنگ و روپ بالکل گوری اقوام جیسا ہے۔ میری اپنی نانی کا رنگ انتہائی گورا اور آنکھیں نیلی تھیں ویسے تو انہیں ’’ بوا ‘‘ کہا جاتا تھا مگر کبھی کبھی ہم انہیں چھیڑنے کے لئے گوری بی کہتے تھے۔جب وہ موسم سرما میں دھوپ سینکنے کے لئے آنکھوں پر سیاہ چشمہ لگا کر ہمارے صحن میں بیٹھتی تھیں تو ہمارے محلے کے بچے اس بات کا یقین نہیں کرتے تھے کہ یہ ہماری نانی ہیں اور یا یہ کہ ان کا تعلق ہندوستان سے ہے۔ بالکل نئے لوگ ہم سے پوچھتے تھے کہ کیا یہ ایرانی یا ترک ہیں۔
انور علی شاہ کو عرفیت عام میں ’’ ببا جی ‘‘کہا جاتا تھا اور وہ خاندان کی روایات میں آج بھی ’’ببا جی ‘‘ ہی مشہور ہیں۔ انہوں نے اس زمانے کی روایت کے لحاظ سے دو شادیاں کی تھیں انکی دو بیویاں بعد کی نسلوں میں نانی اماّں اور نانی آپا کے نام سے مشہور ہیں سنا ہے ببا جی کوکسی نے یہ دعا دی تھی کہ انکی اولاد سے نو گاؤں بسیں گے۔یہ دعا قبول ہوئی اور آج انکی اولاد تمام دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔
انکی بڑی بیگم سے دو بیٹے اور تین بیٹیاں اور چھوٹی بیگم سے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں تھیں۔میری نانی ان کی سب سے بڑی بیٹی تھیں اور سب سے زیادہ چہیتی تھیں ان کو یوں تو ا س زمانے کے مطابق گھر پر تعلیم دی گئی تھی مگر ان کی تعلیم کا معیار بہت اعلی تھا۔ مجھے اب بھی یاد ہے کہ جب مجھے میرپور خاص میں ہائی ا سکول میں فارسی لازمی مضمون کے طور پر لینی پڑی تو میں اس کی تیاری میں اپنی نانی جنہیں ہم بوا کہتے تھے سے مدد لیتا تھا۔ وہ مجھے بتاتی تھیں کہ انہوں نے سعدی کی گلستاں و بوستاں پڑھی ہے اور ایک زمانے میں وہ نہایت آ سانی سی فارسی میں خط کتابت کر سکتی تھیں۔ اردو ادب اور شاعری سے تو ہمارے سارے کنبے ہی کو عشق ہے۔میری نانی کو بھی سینکڑوں اشعار یاد تھے۔ اس کے ساتھ قابل ذکر بات یہ تھی کہ وہ اس حد تک انگریزی کی پہچان رکھتی تھیں کہ موٹے موٹے حروف ملا کر لفظ پڑھ لیتی تھیں۔ یہ اس عورت کے لئے جسکی پیدائش تقریباً ۱۸۷۰ میں ہوئی ہو یقینا فخر کرنے والی چیز تھی کیونکہ میرپور خاص میں ایسے گھرانوں کی کمی نہیں تھی کہ جب ۱۹۵۵ میں انکی خواتین اردو بھی نہیں پڑھ سکتی تھیں۔ہماری نانی کی شادی حالانکہ ایک خوش شکل اور انہی جیسے گورے چٹے شخص سے ہوئی تھی مگر انکی تعلیمی حیثیت بہت زیادہ نہیں تھی کیونکہ وہ مراد آباد کی تاجر برادری سے تعلق رکھتے تھے ان کا نقشین برتنوں کا کاروبار تھا۔کنبے کی روایات کی پابندی کرتے ہوئے انکے گھر والوں نے انہیں کم عمری سے اپنے کاروبار میں شامل کر لیا تھا۔میری والدہ کے پانچ بھائی اور دو بہنیں تھیں ہمارے کنبے میں اب بھی ایسے لوگ بقید حیات ہیں جنہوں نے ان آٹھ بہن بھائیوں کی جوانی دیکھی ہے۔۔(میں نے جب تک ہوش سنبھالا اس وقت صرف ایک بھائی اور تین بہنیں باقی بچی تھیں ) وہ سب اس بات کا تذکرہ کرتے نہیں تھکتے کہ یہ کس قدر حسین خاندان تھا۔
بد قسمتی سے ہمارے نانا کو جوانی میں دمہ کا عارضہ ہو گیا اور وہ اس کی وجہ سے تجارت میں نہ صرف کوئی ترقی نہ کرسکے بلکہ اپنی عام ذمہ داریاں بھی پوری طور پر نہ نبھا سکے جسکی وجہ سے انکے اور انکے گھر والوں میں کھنچاؤ پیدا ہو گیا اور اس کے کچھ ہی عرصہ بعد ان کا انتقال ہو گیا۔ اس کیفیت نے میری نانی کے لئے ایک مشکل صورت حال پیدا کر دی اور اس کے بعد وہ زیادہ تر میکے میں رہیں انکے بڑے بھائی سید علی اصغر نے بڑی حد تک انکی کفالت کا ذمہ اٹھا لیا اس لئے میرے ماموں اور خا لائیں بڑی حد تک علی اصغر جنہیں بڑے ماموں کہا جاتا تھا کے بچوں کے ساتھ پل بڑھ کر جوان ہوئے۔اسی لئے ان دو گھرانوں کے بچوں میں سگے بہن بھائیوں جیسا پیار تھا۔ ان حالات کی وجہ سے میرے ماموں ایسی تعلیم حاصل نہ کر سکے جیسی باقی خاندان کے ان لڑکوں نے حاصل کی جن کے باپ حیات تھے اور مضبوط اور مستحکم مالی حالت میں تھے۔اس سے ہمارے خاندان میں سماجی اور معاشی تفریق نے جنم لیا جس کے اثرات اب بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔خدا کا شکر ہے کہ بعد میں ہماری نانی کی اولاد نے نہ صرف تعلیمی طور پر نگاہوں کو چکا چوند کرنے والی ترقی کی بلکہ ان میں ایسے لوگ بھی پیدا ہوئے جو دولت اور ثروت میں بھی خاندان میں سر فہرست تھے۔
میری اپنی والدہ کی شادی کیسے ہوئی یہ ایک دلچسپ کہا نی ہے اور اس کو بیان کرتے ہوئے میرے ددھیال کا بھی تفصیل سے ذکر آ جائے گا۔
میرے دادا کا تعلق امروہہ کے نزدیک اہل سادات کے ایک چھوٹے سے گاؤں ’’ نو گائیں ‘‘ سے تھا۔ انہوں نے تقریباً ۱۸۹۰ میں آگرہ کے میڈیکل کالج سے ایل ایم پی کیا تھا۔ اس زمانے میں ایم بی بی ایس کے علاوہ مختصر کورس کے میڈیکل سکول بھی تھے جو لائیسنس میڈیکل پریکٹشنر کا ڈپلوما دیا کرتے تھے۔میرے طالب علمی کے زمانے میں حکومت پاکستان نے ۹۶۶۱میں اس ڈپلومہ کو ختم کیا اور تمام ایسے ڈاکٹروں کے لئے ضروری قرار دیا کہ وہ دو سال کا کنڈینس کورس کر کے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کر لیں بہر کیف اس دور میں یہ ڈپلومہ بھی بڑی اہمیت رکھتا تھا اور اس لئے میرے دادا بڑے کر و فر سے رہتے تھے بعد میں انہوں نے برٹش انڈین آرمی کی میڈیکل کور جائین کر لی اور پہلی جنگ عظیم میں برما کے محاذ پر خدمات انجام دیں۔انکی فوج کی وردی میں ملبوس تصویر ہماری دادی کے کراچی کے گھر میں کچھ سال پہلے تک ڈرائنگ روم میں آویزاں تھی۔
ہمارے دادا چھوٹے قد کے سانولے شخص تھے اور اپنے ناک نقشے میں بھی بہت زیادہ کشش نہیں رکھتے تھے۔ اس پر یہ کہ ان کی شادی کم عمری میں اپنے گاؤں کی ایک خاتون سے ہو گئی تھی جو پڑھی لکھی نہیں تھیں اور اپنے طور طریقوں میں بھی دیہاتی تھیں ان سے انکی دو اولادیں، ایک میرے والد صاحب جو سب سے بڑے تھے اور ایک انکی بہن جن کا نام میں نے اپنی اماں سے اختر آپا سنا ہے، تھیں۔نو گاؤں ایک دیہی آبادی تھی اور وہاں کلچر اور گلیمر کی کمی تھی۔ رہنے سہنے کے طور طریق بھی دیہی انداز کے تھے۔ پڑھ لکھ کر اور ممتاز شہریوں میں شمار ہونے کے بعد میرے دادا کا اس ماحول سے ذہنی رشتہ منقطع ہو گیا تھا۔
مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے کس حد تک اپنی دیہاتی بیوی کو نئے رنگ میں تربیت دینے کی مخلصانہ کوشش کی مگر ان حالات میں انہوں نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ اپنی پسندکی دوسری شادی ایک اچھے اور پڑھے لکھے گھرانے میں کی جائے۔اس سلسلے میں مراد آباد میں ببا جی کے گھرانے سے بہتر کون ہو سکتا تھا۔
ببا جی کی پہلی بیوی سے دو بیٹے، سید علی ا صغر اور سید علی صفدر اور تین بیٹیاں اصغری بیگم ( میری نانی ) اختری بیگم اور اکبری بیگم تھیں۔ انکی چھوٹی بیگم سے ایک بیٹا سید علی حیدر اور دو بیٹیاں صفدری بیگم اور انوری بیگم تھیں۔ میرے دادا ڈاکٹر سید مظفر حسین کی دوسری شادی ببا جی کی چھو ٹی صاحب زادی صفدری بیگم سے ہوئی۔ میں پہلے ہی تحریر کر چکا ہوں کہ مظفر حسین صاحب کی شادی انکے گاؤں ’’نو گائیں ‘‘کی ایک خاتون سے پہلے ہی ہو چکی تھی اور ان سے انکی سب سے بڑی اولاد سید ابن عباس جو میرے والد تھے پیدا ہو چکے تھے اس لحاظ سے صفدری بیگم ہمارے ابا کی سوتیلی ماں اور میری سوتیلی دادی قرار پائیں۔ ببا جی کی دو بیویاں اور پھر میرے دادا کی دو بیویاں اور انکی اولادیں خاندان میں اُس خلیج اور تفاوت کی بنیاد بنیں جو اتنے سال گزرنے کے بعد بھی کسی نہ کسی طرح آج بھی نمایاں ہو جاتی ہے۔
اس جگہ یہ بات بھی واضح کرنی ضروری ہے کہ اگرچہ بباجی اور انکی اولادوں کے نام اہل سادات پر ہیں اور یہ اصل نسل سید ہیں مگر یہ لوگ سنی سید تھے۔ادھر میرے دادا ساداتِ نو گائیں سے تعلق رکھتے تھے اور یہ شیعہ تھے۔ انکی پہلی بیوی اور تمام رشتہ دار بھی جو وہاں رہتے تھے وہ بھی شریعت جعفریہ کی پابندی کرتے تھے۔ مجھے ہمارے خاندان میں کوئی ایسا قابل اعتبار شخص نہیں ملا جو کھل کر مجھ سے اس معاملے پر بات کرتا مگر میں نے جو معلومات حاصل کیں اس کے مطابق ببا جی نے ڈاکٹر مظفر حسین سے صفدری بیگم کی شادی کے وقت یہ عہد لیا تھا کہ وہ شیعہ فرقے کو چھوڑ کر سنی عقیدے کی پابندی کریں گے۔انہوں نے اس کی پابندی کی یا نہیں مگر یہ حقیقت ہے کہ میرے ددھیال میں کوئی شیعہ نہیں اور ہمارا تمام خاندان سنی سید ہے ہاں ناموں کی وجہ سے کبھی کبھی لوگوں کو یہ غلط فہمی ضرور ہوئی کہ ہم شیعہ ہیں اور ہمیں اس کی وضاحت کرنی پڑی کہ ہم سنی سید ہیں۔میری والدہ مجھے بتاتی تھیں کہ اسی غلط فہمی کا ہمیشہ کے لئے قلع قمع کرنے کے لئے انہوں نے ہم دو بھائیوں کے نام سلطان عباس اور فیروز عباس رکھنے کے بجائے سلطان عالم اور فیروز عالم رکھے۔
میرے دادا مظفر حسین صاحب نے مراد آباد ہی میں اپنا گھر بنایا مگر سنا ہے کہ فوج کی ملازمت کی وجہ سے زیادہ تر وہ باہر ہی رہے اور اپنی چھوٹی بیگم اور بچوں کے ساتھ وہ بہت زیاد ہ وقت نہیں گذار سکے۔صفدری بیگم سے انکی تین بیٹیاں، شہر بانو، حسن بانو اور قمر بانو اور ایک بیٹا سید ظفرعباس پیدا ہوئے۔ میں نے اپنے طور پر حساب لگایا ہے کہ انکی اور انکی چھوٹی بیگم میں عمروں کا بہت زیادہ فرق ہو گا اس لئے کہ میرے دادا کا انتقال شاید ۱۹۲۳ میں ہو گیا تھا اور میری دادی ۱۹۶۶ تک بقید حیات رہیں یعنی انہوں نے ایک طویل زمانہ بیوگی میں گزارا۔اس کنبے کے مزید حالات کا تذکرہ جو دلچسپی سے خالی نہیں اور جس میں میری پھپیوں کی قابل مثال جدو جہد اور نظر خیز کامیابیاں شامل ہیں آئندہ کسی باب میں آئے گا۔
ڈاکٹر مظفر حسین صاحب کے ببا جی کے کنبے میں شامل ہو نے کی وجہ سے کچھ اور بھی قابل ذکر رشتے استوار ہوئے۔
ایک بات جس کا میں انتہائی صاف گو ئی سے پچھلے صفحات میں تذکرہ کر ہی چکا ہوں وہ یہ حقیقت تھی کہ میری نانی اپنے شوہر کی قبل از وقت موت اور مالی طور پرکم مائیگی کی وجہ سے بڑی حد تک اپنے بھائی سید علی اصغر کی دست نگیں تھیں اور حالانکہ انکے بھائی انہیں بیحد چاہتے تھے مگر پھر بھی سماجیات کے اصولوں اور دنیا کے رسم و رواج کے مطابق ہماری نانی کی اولاد کی، جو اگرچہ اپنی صلاحیتوں اور حسن و خوبصورتی میں اپنی مثال آپ تھی وہ قدر و قیمت نہیں تھی جو انکی اپنی اولاد یا ان لوگوں کی اولاد کی تھی جن کے باپ نہ صرف زندہ تھے بلکہ کسی حد تک مستحکم اور با اختیار تھے۔
میری نانی کی سب سے بڑی اولاد مشتری بیگم جو میری بڑی خالہ تھیں اور جو اپنے عالم ضعیفی میں بھی حسن کی تصویر تھیں انکے لئے ڈاکٹر مظفر حسین صاحب نے اپنے بھانجے سید مبارک حسین کا پیغام دیا۔اور اس کے فوراً بعد میری والدہ کو، جو نہ صرف حسین تھیں بلکہ اپنی ذہانت، اپنی شعر گوئی اور خوش کلامی میں اپنی مثال آپ تھیں کے لئے اپنے بڑے بیٹے سید ابن عباس کے لئے منتخب کیا۔
سالوں بعد جب میں نے کبھی اپنی ماں سے اس قسم کی بے جوڑ شادیو ں کے متعلق پوچھا تو میری والدہ نے جو بات بات پر شعر پڑھتی تھیں نواب مرزا شوق قدوائی کا یہ مصرعہ سنایا۔
سب گھٹا دیتے ہے مفلس کے غرض مال کا مول
شادی
میرے والدین کی شادی بھی ایک دلچسپ قصہ ہے۔
میرے دادا ڈاکٹر مظفر حسین صاحب نے، جہاں تک میری معلومات ہیں، اپنی پہلی بیوی اور انکی اولاد سے بڑی حد تک رابطہ تو ڑ لیا تھا۔اس کے باوجود میرے ابا مراد آباد میں اپنی نئی ماں اور سوتیلے بہن بھائیوں کے ساتھ رہ رہے تھے۔اگرچہ میرے دادا مکمل طور پر اپنی دوسری بیوی اور انکی اولاد کے ہی ہو کر رہ گئے تھے مگر حقیقت میں وہ اپنی ملازمت کے سلسلے میں دور دراز جگہوں پر رہنے کی وجہ سے انکے ساتھ بھی بہت زیادہ نہ رہ سکے۔ادھر باپ کی غیر موجودگی اور بے توجہی کی وجہ سے، میرے ابا اب ایسی کشتی کی طرح تھے جو سمندر میں ڈول رہی ہو اور اس کو صحیح راہ دکھانے والا کوئی نہ ہو۔ ایک بڑے ڈاکٹر کی سب سے بڑی اولاد ہونے کے حوالے سے انکی تعلیم و تربیت اور نگہداشت پرجس قدر توجہ ہونی چاہئے تھی وہ نہ ہو سکی۔انکی زندگی کا یہ عجب دور تھا ایک طرف باپ کی جانب سے کسی قسم کی راہ نمائی یا سہارے کا نہ ہونا اور دوسری طرف اپنے نئے کنبے میں خود کو اکیلا اور علیحدہ محسوس کرنا۔یوں تو وہ مراد آباد کے ہائی ا سکول میں پڑھ رہے تھے اور وہاں ہاکی ٹیم کے رکن بھی تھے اور وہ کچھ عرصے ا سکاؤٹ میں بھی رہے مگر انکی ہمت افزائی کرنے والا کوئی نہ تھا۔ جلد ہی ان کا سکول چھوٹ گیا اور وہ کل وقتی طور پر اس کنبے کی لئے اپنی گھریلو ذمہ داریاں نبھا نے میں مصروف ہو گئے میں نے ڈاکٹر بن کر انکی شخصیت کا گہرا نفسیاتی مطالعہ کیا اور میں اس نتیجہ پر پہنچا کے اس دور نے انکی خود اعتمادی چھین لی جس کے اثرات انکی زندگی پر دور دور تک پڑے۔اس کا بہت معمولی سا خمیازہ ہمیں بھی دینا پڑا مگر چونکہ میری والدہ میں انتہائی درجہ کی خود اعتمادی تھی اور وہ نہایت مضبوط اور مثبت سوچ رکھتی تھیں انہوں نے ہمیشہ ہمیں خودی اور خیالات کی بلندی کا پیغام دیا۔
میری والدہ کی سید ابن عباس یعنی میرے والدسے شادی کے سلسلے میں دو روایتیں مشہور ہیں پہلی روایت یہ ہے کہ میرے والد، جن کی سوتیلی ماں میری والدہ کی خالہ ہو تی تھیں، اس رشتہ کی وجہ سے ببا جی کے خاندان میں آنے جانے لگے تھے۔ ایک تو ہمارے خاندان میں بہت عرصے سے پردے کی پابندی بڑی حد تک نرم ہو چکی تھی اور اس قسم کے کزنز سے پردے کی پابندی ختم کر دی گئی تھی۔ دوسرے میری والدہ اس زمانے میں بھی کچھ ٹام بوائے قسم کی چیز تھیں لپک ڈندا، پکڑی ٹیلو اور لڑکوں کے ساتھ دوسرے کھیل کھیلنا ان کا مشغلہ تھا جس پر ان کو ہمیشہ پیار سے ڈانٹ بھی پڑتی تھی سنا ہے کہ ایک دن وہ بیری پر چڑھی بیر کھا رہی تھیں کہ ہمارے ابا نے ان کو دیکھ لیا اور ان کو پسند کر بیٹھے۔جوڑا اگرچہ مناسب نہیں تھا مگر پھر بھی کوشش تو کی ہی جا سکتی تھی۔کہا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے ابا جنہیں وہ باؤجی کہتے تھے سے اس بات کی درخواست کی اور ڈاکٹر مظفر حسین صاحب نے اپنا رتبہ اور اپنی ساکھ کے سہارے ہماری نانی کو ان کا پیغام دیا۔ ادھر ہماری نانی ویسے بھی اپنے مالی حالات سے پریشانی کے عالم میں تھیں اس لئے انہوں نے اس پیغام کو غنیمت سمجھا اور اس شادی پر راضی ہو گئیں۔
دوسری روایت یہ ہے کہ ڈاکٹر مظفر حسین صاحب اس زمانے میں ہماری نانی کا علاج کر رہے تھے اور جب ہماری نانی صحت یاب ہوئیں تو انہوں نے ہماری نانی سے اپنے بڑے بیٹے کے لئے میری والدہ کا رشتہ مانگ لیا اور میری نانی مروّت کی وجہ سے ان کو انکار نہ کر سکیں۔
چاہے جیسے بھی ہو، یہ شادی مقدر تھی۔ مجھے خاندان کے کچھ بزرگوں نے جو میری والدہ سے بڑے تھے اور جنہوں نے اس دور کو دیکھا ہے بتا یا ہے کہ میری والدہ کے چھوٹے ماموں سید علی صفدراس شادی کے بہت خلاف تھے اور انہوں نے اپنی بہن سے اس بات پر کچھ جھگڑے بھی کئے مگر ہماری نانی کا ایک ہی کہنا تھا کہ اب میں زبان دے چکی ہوں۔
میرے والد ۱۹۰۳ میں آگرہ میں پیدا ہوئے تھے۔ اس زمانے میں ڈاکٹر مظفر حسین آگرہ چھاؤنی میں تعینات تھے اور میں نے جو معلومات اخذ کی ہیں اس کے حساب سے شاید یہ واحد موقعہ ہو جب انکی پہلی بیگم انکے ساتھ نو گائیں سے باہر انکے ساتھ کہیں رہی ہوں۔ ابا کو اسی حوالے سے انکے کچھ بزرگ اگرو کہتے تھے۔اس کے بعد انکے بچپن کا کچھ دور نو گائیں میں گزرا اور پھر وہ مرادآباد آ گئے۔شادی کے بعد انکی زندگی کا زیادہ حصہ میرپور خاص اور جودھ پور میں گزرا اور انکی وفات، جب میں امریکہ میں تھا، کراچی میں ۱۳ اکتوبر ۱۹۷۶ کو ہو ئی۔
میرے اباّ نہایت خاموش طبع، انتہائی شریف ا لنفس اور خاکسار فطرت کے انسان تھے۔وہ اتنے شفیق تھے اور اپنے بچوں سے اسقدر پیار کرتے تھے کہ ان کو یاد کرتے اور یہ سطریں لکھتے ہوئے میری آنکھیں نم ہو رہی ہیں وہ اتنے کم گو تھے کہ بہت سے لوگوں نے شاید انہیں کبھی بولتے بھی نہ سنا ہو۔ وہ مثلِ اہل بیت صابر تھے اور ان میں اتنا ایثار کا جذبہ تھا کہ انکی تمام زندگی دوسروں کو آرام دینے کے لئے خود تکلیف اٹھا تے گزری۔ یہ جملے میں اس لئے نہیں لکھ رہا کہ وہ میرے باپ تھے یا ایسا لکھنا ہماری تہذیب کا حصہ ہے۔ در حقیقت جو کوئی بھی ان سے ملا اس کا انکے بارے میں یہی خیال تھا۔
وہ جگت ’’بھائیجان‘‘ تھے یعنی ہر شخص ان کو بھائیجان کہتا تھا۔ ریلوے میں بھی سب ان کو بھائیجان کہتے تھے۔ ان کا یہ نام اس قدر مشہور تھا کہ کبھی کبھی ایسا ہو تا کہ جب کوئی مجھ سے پوچھتا کہ میں کس کا بیٹا ہوں اور میں کہتا ابن عباس صاحب کا۔۔تو وہ شخص پہلے تھوڑا سا حیران ہو تا پھر کہتا ’’اوہ ! تو تم بھائیجان کے بیٹے ہو۔‘‘میں لکھنا یہ چاہ رہا تھا کہ اپنی اس طبیعت کی وجہ سے ان کے تمام جاننے والے انکے بارے میں ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ بھائیجان جنتّی ہیں۔میرپور خاص کے ریلوے محلے میں انکی ایسی عزت تھی کہ اس پر مجھے آج بھی فخر ہے۔
لیکن میرے ابّا اپنی ظاہری شکل و صورت میں بہت معمولی اور رنگ کے گہرے ساؤنلے تھے۔ یہ لکھنے کی وجہ یہ ہے کہ جس قدر میرے والد سادہ تھے میری والدہ اسی قدر حسین، خوش کلام، خوش لباس اور اپنے طور طریقوں اور انداز سے شاہانہ تھیں وہ خود اپنے متعلق کہتی تھیں
کوئی ہو بھیس لیکن شانِ سلطانی نہیں جاتی
در اصل میرے دادا کے جینس اس قدر قوت کے حامل تھے کہ انکی شبیہ میرے والد میں اور انکے چھوٹے بھائی ظفر عباس چچا میاں میں وافر طور پر دیکھی جا سکتی تھی۔میں خود بھی اپنے ابا ہی پر گیا ہوں۔ اس کا ازالہ کرنے کے لئے ابا کو اللہ نے بہت خوبصورت اور سیاہ بڑی بڑی آنکھیں اور لمبی لمبی کالی پلکیں دی تھیں جس سے ان کا چہرا بڑا پر کشش لگتا تھا۔ میری بڑی بہن سلطانہ آپا میں اور میرے دونوں بچوں میں یہی آنکھیں اور پلکیں آئی ہیں اور میرے بچے خاص طور پر میری بیٹی جہاں کہیں جاتی ہے امریکی عورتیں اس کے پیچھے پڑ جاتی ہیں اور کہتی ہیں HOW BEAUTIFULکہاں سے لائیں تم ایسی خوبصورت آنکھیں اور پلکیں۔۔پھر چھیڑ کر کہتی ہیں ہم تو تم سے یہ لے لیں گے۔ میری بیٹی جب چھوٹی تھی تو اس سے بڑا پریشان ہو تی تھی اور تنگ آ کر رونے لگتی تھی۔
بہرحال میرے ابا اور اماں کی شادی طے ہو گئی اور اس کے انتظامات ہو رہے تھے کہ میرے دادا کا انتقال ہو گیا۔اس دور کے حالات مجھے کسی تفصیل سے نہیں معلوم مگر میں نے یہ سنا ہے کہ ابا کی شادی بڑی ہی دھوم دھام سے ہو ئی۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ اس شادی کے شاہانہ اخراجات کے لئے ہمارے دادا کی املاک میں سے ایک گاؤں بیچ دیا گیا۔ شادی میں اس زمانے کے رواج کے مطابق ایک طوائف بارات کے آگے آگے ناچتی جا رہی تھی اور چاندی کے سکے نچھاور کئے جا رہے تھے۔
میری والدہ بیاہ کر مراد آباد میں اس گھر میں آئیں جس میں ہماری صفدری دادی اپنی تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ میرے دادا شادی سے پہلے انتقال کر گئے تھے سنا ہے کہ نو گاؤں میں اس سے پہلے بھی کچھ لوگ اپنے پہلون کے بیٹے کی شادی طے ہو نے کے بعد مگر شادی ہونے سے پہلے مر چکے تھے اور میرے دادا کے انتقال سے نو گاؤں میں انکے رشتے داروں میں اور ہمارے ددھیال میں یہ وہم مزید پختا ہو گیا کہ باپ کو اپنے سب سے بڑے بیٹے کا سہرا دیکھنا نصیب نہیں ہوتا۔یہ وہم میرے ابا کے ساتھ بھی رہا۔
شروع دنوں کی روایتی آؤ بھگت کے بعد اصلی زندگی کا آغاز ہوا اور میری اماں کو اس بات کی آگاہی ہو ئی کہ گھر کا ماحول کیا ہے اور کس کی اس گھر میں کیا جگہ ہے۔ میری والدہ کی فطرت بہت آزادی پسند، راست گو، جرات مند اور دلیرانہ ہے۔وہ اپنے وقت سے بہت آگے تھیں اور وہ اس دور میں بھی حقوق نسواں کی علم بردار تھیں جب عورتوں کو کھڑکی سے باہر جھانکنے کی اجازت نہ تھی۔یہاں سے میرے ابا کے کنبے اور میرے دادا کے باقی کنبے کے درمیان خلیج کی شروعات ہوئی جو اگرچہ ’’زیر آب ‘‘ہے مگر اس کے وجود سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
گارڈ
میری والدہ جن کا اصلی نام تو جہاں آرا بیگم تھا مگر پیار سے وہ جعفری بیگم کہلاتی تھیں، یوں تو بیحد فراخ دل خاتون تھیں اور وہ انسانی ہمدردی کے ناطے کسی کی بھی اپنی جان و دل سے خدمت کے لئے تیار رہتی تھیں۔مگر اسی کے ساتھ انکی عزت نفس اس قدر بلند تھی کہ وہ خادمہ کے طور پر کسی کے احکام بجا لانے کے لئے تیار نہیں تھیں ادھر وہ بہت دور بین تھیں اور انکی نظر مستقبل پر تھی انہیں معلوم تھا کہ آج وہ اور انکے شوہر یعنی دو افراد ہیں کل تین اور پھر چار ہوں گے، یعنی مستقبل میں ان کا اپنا کنبہ ہو گا اور ان کے آج کے فیصلے مسقبل میں انکے بچوں پر اثر انداز ہوں گے۔
یہ حساس موضوع ہے اور میں حتی الامکان محتاط رہوں گا مگر ایک حد تک اس کا ذکر بھی ضروری ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ اگر میرے والدین کی زندگی میں یہ موڑ نہ آ یا ہوتا تو میں وہ نہ ہوتا جو آج ہوں۔یہاں یہ بھی لکھنا ضروری ہے کہ میں جو لکھنے جا رہا ہوں اس کی راوی میری والدہ نہیں بلکہ خاندان کے دیگر افراد ہیں جنہوں نے وہ دور دیکھا تھا۔میری والدہ نے واضح طور پر یہ دیکھا کہ میرے ابا کو اس کنبے نے برابری کا درجہ نہیں دیا ہے اور یہ ان کو اپنے کنبے کا ایک فرد تسلیم نہیں کرتے۔ وہ گھر کی روز مرہ کی ذمہ داریاں پوری کرنے اور بازار کا سودا سلف لانے میں مشغول ہیں اور میری والدہ گھر کے عام کام کاج کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔بہر حال وقت کے ساتھ اور دبی زبان سے اس سلسلے میں احتجاج کر نے کے باوجود نہ صرف حالات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہو ئی بلکہ یہ بات واضح ہو گئی کہ آئندہ بھی کسی قسم کی تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
اس مرحلے پر آ کر میری والدہ نے یہ فیصلہ کیا کہ انہیں اپنے شوہر کے ساتھ اس کنبے سے علیحدہ ہو کر اپنا ایک چھوٹاساآشیانہ بنا نے کی ہمت کرنی چاہئے۔ اس سلسلے میں سب سے مضبوط تحریک یہ تھی کہ وہ اپنے بچوں کا مستقبل دیکھ رہی تھیں اور وہ یہ نہیں چاہتی تھیں کہ جیسے میرے ابا کی خودی اور عزت نفس کو کچل دیا گیا ہے وہی حشر انکے بچوں کے ساتھ ہو اور بڑے ہو کر ہم سر اٹھا کر نہ چل سکیں۔سسرال میں اسوقت جو ماحول تھا اس میں یہ ممکن نہ تھا۔ ادھر میرے ابا کا جو تعلیمی پس منظر تھا اور ان میں جو خود اعتمادی کی کمی تھی اس کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھانا کہ میرے والد اور والدہ الگ ہو کر معاشی طور پر اپنا وجود برقرار رکھ سکیں ممکن نظر نہیں آ رہا تھا مگر میری والدہ نے کہا
ملے خشک روٹی جو آ زاد رہ کر
تو وہ خوف و ذلت کے حلوے سے بہتر
انہوں نے ابا کی ہمت بڑھائی اور ان سے کہا کہ وہ اس گھر کے اخراجات چلا نے کے لئے برابر سے محنت کریں گی اور کسی سے مدد نہیں مانگیں گی۔ انہوں نے ابا کو سہارا دیا اور اس طرف توجہ دلائی کہ ابا ہی کے پس منظر جیسے بہت سے لوگ اپنی محنت سے عزت کی روزی کما رہے ہیں۔ آخر کار ابا میں بھی ہمت ہو ئی اور یہ چھوٹا سا کنبہ ڈاکٹر مظفر حسین کے باقی کنبے سے علیحدہ ہو گیا۔میری والدہ کو اس سلسلے میں کسی قسم کی HARD FEELINGS نہیں تھیں بس ان کا خیال یہ تھا کہ دونوں گھرانوں کے لئے یہی بہتر تھا۔ اس کے بعد میں نے تمام عمر انہیں اپنی ساس صفدری بیگم کا ادب اور احترام کرتے دیکھا۔ انہیں اپنے دیور ظفر عباس چچا میاں سے تو خاص محبت تھی اور چچا میاں بھی ان سے بڑی محبت کا سلوک کرتے تھے اور انہیں بڑے پیار سے بھابی جان کہتے تھے۔وہ نہ صرف اپنی نندوں کا احترام کرتی تھیں بلکہ ان کو اپنی نندوں کی نگاہوں کو خیرہ کرنے والی تعلیم اور ترقی پر ناز اور غرور تھا۔ انہوں نے ہمیں بھی تمام عمر اپنے ددھیال سے محبت کرنے اور ان کا ادب کرنے کی تعلیم دی جو ہم آج بھی کرتے ہیں اور میں بڑی حد تک اس بات پر فخر کرتا ہوں کہ میں ڈاکٹر مظفر حسین کی نسل سے ہوں اور میرے چچا اور میری پھوپھیاں اپنے معیار زندگی، اپنی تعلیم اور شائیستگی میں اپنی مثال آپ ہیں۔
علیحدہ ہو نے کے بعد روز گار کا مسئلہ تھا۔ مراد آباد کوئی صنعتی شہر نہیں تھا اور یہاں روز گار کی سہولتیں نہیں تھیں اس وقت بھی ہمارے کنبے کے کچھ لوگ جودھپور اور میرپور خاص میں بسے ہوئے تھے۔ میری والدہ کے دو بھائی میرپور خاص میں تھے یہ سوچ کر کہ اگر کسی برے وقت ضرورت پڑی تو ان کی مدد طلب کی جا سکتی ہے انہوں نے میرپور خاص کی راہ پکڑی آج کی نسل یہ پڑھ کر حیران ہو گی کہ اس زمانے کے لحاظ سے یعنی ۱۹۲۴ میں میرپور خاص ایک ذبردست صنعتی شہر تھا اور یہاں انگریزوں اور کچھ دوسری یوروپی اقوام نے کاٹن جننگ فیکٹریاں لگائی ہو ئی تھیں۔ دراصل میرپور خاص کے نواح میں زمینیں بیحد زرخیز ہیں اور یہاں کپاس کی اتنی اچھی اور زور دار فصل ہوتی ہے کہ تقسیم ہند سے پہلے بھی پورے ہندوستان میں ا سکو کپاس کا ایک بڑا مرکز شمار کیا جاتا تھا۔ میرے لڑکپن کے زمانے میں بھی میرپورخاص میں کئی بڑی بڑی کاٹن جینگ فیکٹریاں تھیں جن کے اپنے محلے اور اپنے ریلوے ٹریک تھے۔اور انکے ملازمین ایک اچھی اور معیاری زندگی گزارتے تھے۔
میرے ابا اگرچہ اپنے حالات کی وجہ سے میٹرک مکمل نہیں کر سکے تھے ( وہ کہتے تھے کہ میں انٹرنس کا امتحان دینے والا تھا جب تعلیم کا سلسلہ ٹوٹ گیا) مگر اس سطح تک پڑھنے کی وجہ سے وہ نہایت آسانی سے انگلش لکھ پڑھ سکتے تھے اور اسی وجہ سے اور کچھ خوش قسمتی اور پھر میری والدہ کی دعاؤں سے انہیں فوراً ہی رالی برادرزRALLY BROTHERS جو میرپورخاص کی سب سے بڑی اور اچھی کاٹن جینگ فیکٹری تھی کلرک کی نوکری مل گئی اور ان کا گذارا با آسانی ہو نے لگا۔ میری والدہ اس کو اس پر محمول کرتی تھیں کہ
ہمت مرداں مدد خدا
اس میں ہمارے لئے ان کا یہ پیغام چھپا تھا کہ اگر انسان خلوص نیتی سے ارادہ کر لے تو اللہ تعالی خود بندے کی مدد کرتا ہے۔ یہاں یہ لکھنا اس لئے ضروری ہے کہ مستقبل میں جب میں اپنے حالات سے کچھ دل برداشتہ ہوتا اور ان سے کج بحثی کرتا کہ ایسا کیسے ممکن ہو گا تو وہ یہی کہتی تھیں کہ فیروز تم اس کا ارادہ اور ہمت تو کرو پھر دیکھو خدا خود غیب سے کیسے تمہاری مدد کرتا ہے۔ اپنی زندگی میں مجھے اس بات کا ذاتی تجربہ ہوا کہ وہ صحیح تھیں۔
رالی برادرز کی فیکٹری ریلوے کے محلے کھڈرو لائین کے پاس تھی۔یہ ۱۹۲۶ کا زمانہ تھا۔ میری والدہ کے دو بھائی بھی اس وقت ریلوے میں تھے اور وہ بھی کھڈراولائین میں ہی رہتے تھے۔ اسی زمانے میں میری والدہ کے بڑے ماموں سید علی اصغر بھی میرپورخاص میں جودھپور ریلوے کے سب سے بڑے افسرکے طور پر تعینات تھے۔ میری والدہ زندگی بھر بہت سوشل رہیں اور محفلیں سجانا، لوگوں کو مدعو کرنا اور اپنی ہم عمر خواتین کے درمیان بیٹھ کر گل افشانیِ گفتار کرنا ان کا خاص مشغلہ تھا۔پھر میرپورخاص میں تو ہمارے خاندان کی ایک چھوٹی سی انجمن بھی گرم تھی۔یہ ماحول میری والدہ کو خوب بھایا۔ ہاں ایک بات ان کے دل میں کھٹکتی تھی۔ وہ یہ کہ اس زمانے میں ریل کی ملازمت ایسی ہی با عزت اور گلیمرس سمجھی جاتی تھی جیسے سن ساٹھ کی دہائی میں ائر لائین کی نوکری۔ریلوے کا لونیاں بیحد صاف ستھری اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ بنائی گئی تھیں ان میں بجلی اور پانی کی سہو لتیں تھیں اور بچوں کے لئے بہت جدید طرز کے ا سکول بنائے گئے تھے ( سالوں بعد میں نے خود ریلوے پرائمری ا سکول سے اپنی پڑھائی کا آغاز کیا ) پھر انکے ملازمین بِلّے اور تمغے لگی یونیفارم پہنتے تھے جس سے ایک خاص وقار جھلکتا تھا۔اسوجہ سے اماں کو اس کا احساس تھا کہ رالی برادرس کی کلرکی اپنے سماجی IMAGE کے لحاظ سے ریلوے کی نوکری کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔
میری اماں نے مجھے بتایا کہ اس وجہ سے وہ کبھی کبھی افسردہ ہو جاتی تھیں۔ایک تو وہ ویسے بھی اپنے مامو ؤں کی لاڈلی تھیں پھر سید علی اصغر صاحب کے متعلق میں نے ہر ایک سے یہی سنا ہے کہ وہ بہت خاندان نواز اور خاکسار انسان تھے اور اپنے پورے خاندان کے ہر فرد کی خوشی اور بہبود کا خیال رکھتے تھے۔ ایک دن وہ میری اماں سے ملنے آئے اور ان کو اداس دیکھ کر ان سے پوچھا کہ تم کیوں اداس ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں جن لڑکیوں کے ساتھ اٹھتی بیٹھتی ہوں ان سب کے میاں ریلوے میں ہیں اور خوبصورت وردی پہن کر ڈیوٹی پر جاتے ہیں۔علی اصغر صاحب نے اسی وقت ان سے وعدہ کیا کہ اگلے ہی ہفتے وہ انکے شوہر سید ابن عباس کو ریلوے کی ملازمت کے کاغذات تقرری جاری کر دیں گے۔
حسب وعدہ انہوں نے اگلے ہفتے میرے ابا کو ریلوے میں گارڈ کی جگہ پر تعینات کر دیا اور اس کے بعد میرے والد اپنے ریٹائر منٹ تک پہلے جودھپور ریلوے میں گارڈ اور پھر پاکستان بن جانے کے بعد نارتھ ویسٹرن ریلوے میں گارڈ کی با عزت ملازمت سے ۱۹۵۸میں ریٹائر ہوئے اور اپنی ملازمت بھی اس قدر ذمہ داری سے نبھائی کہ اپنے ہم پیشہ لوگوں اور اپنے افسروں کی نگاہوں میں اس قدر عزت پائی کے انکی ریٹائرمنٹ پارٹی میں جو ریلوے انسٹی ٹیوٹ (ریلوے کلب ) کے وسیع لان پر ہوئی تھی اور جس کو منظم کرنے میں جناب سعید الزماں گارڈ صاحب اور خواجہ احمد علی گارڈ صاحب کا بڑا ہاتھ تھا ہر شخص کی آنکھیں نم تھیں۔ یہاں میں یہ بھی لکھتا چلوں کہ مجھے یاد نہیں کہ ابّاسے پہلے کسی ریٹائر ہونے والے گارڈ کی الوداعی پارٹی ہو ئی ہو۔
٭٭٭
خطائے عاشقی پروفیسر مامون ایمن (نیویارک)
عبد اللہ جاوید المتخلص بہ جاویدؔ ماضی کی اُنگلی پکڑے، حال کی رہ میں، مستقبل میں مقیم منزل کا سراغ ڈھونڈنے والا بے اماں، بے گھر مسافر ہے۔ وہ اپنے سفر کو ایک مسلسل سفر جانتا اور مانتا ہے، بجا، لیکن وہ خود کو عالمِ خودی اور عالم بے خودی میں بے قدم بھی گردانتا ہے۔ بے امانی، بے گھری اور بے قدمی کے بہ ظاہر ہمہ جہت زاویے انفرادیّت کا جوہر برقرار رکھنے کے لیے اپنی اپنی ہیئت میں برملا بکھرنے کی فطرت سے بھی معمور ہیں۔ یہ فطرت یک جہتی کی حقیقت اور اظہار کے ضمن میں ایک علامت ہے۔ یہ علامت مختلف النوع مرحلوں اور درجوں میں بٹی ہے۔ مجوّزہ حقیقت کا سراپا تہوں کا رہین ہے۔ جاوید کی ذات حقیقت اور علامت سے مربوط ہے لہذا اس کی شعری کاوشات حقیقت اور علامت کا احاطہ کرتی ہیں۔ ذرّہ اور قطرہ کی طرح، حقیقت اور علامت تنہائی کے سائے ہیں، بجا، ان ساؤں میں کرنیں بھی پنہاں ہیں۔ یوں کہیے کہ ذرّہ صحرا ہے اور قطرہ سمندر۔ ہُو بہ ہُو اسی طرح حقیقت، روح ہے اور علامت جسم۔ انسان ایک حقیقت بھی ہے اور ایک علامت بھی۔ انسان ایک فرد ہونے کے باوجود مجلس بھی ہے۔ انفرادیت، اجتماعیت کا پَر تو ہے اور اجتماعیت، انفرادیت کا عکس۔ جاویدؔ کی انفرادی زندگی میں یہ عکس گہے واضح اور گہے غیر واضح نظر آتا ہے۔ یہ تضاد طبع، وضع اور نطق کا پیامی ہے۔ اس پیام میں مجاز اور کنایہ ہم رکاب ہیں۔ اس پیام میں وہم، وجدان، وصف، شبہہ اور غرض پر مبنی تجربات اور مشاہدات کے محرّکات، اشارات میں ڈھل کر، ظاہر کو باطن سے اور باطن کو ظاہر سے ملانے کی برملا سعی کرتے ہیں۔ یہ سعی تذبذب، لایقینی اور ابہام سے ملی جلی ایک صورت ہے۔ وہ آگہی بھی کیا جو گُم رہی سے جنم نہ لے۔ ظاہر اور باطن کے درمیان ہونے والی جنگ، کشمکش اور تگ و دو کی غیر موجودگی میں، گُم رہی سے آگہی کا سراغ ابھرنا ناممکن تو نہیں، مشکل ضرور ہے۔ ظاہر، باطن، گم رہی، آگہی، حقیقت، علامت، انفرادیت اور اجتماعیت ایسے فکری گوشے، عقلی دلائل اور جذباتی مناظر یک جان ہو کر، جاوید کے اسلوب کا اعلان کرتے ہیں۔۔۔۔ ’’سراغ ذات‘‘۔۔۔ سُراغ ذات کی راہ میں علامت، تصور کے سانچے میں ڈھلتی ہے جب کہ حقیقت خود کو برقرار رکھنے میں کام یاب نظر آتی ہے۔ یہ دونوں عوامل حق بھی ہیں اور بَر حق بھی کہ ہمارا وجدان روح سے ناآشنا ہے اور جسم کے بیش تر تبدلات سے آشنا۔ وقت جسمِ انسانی میں، ذہن روح کے اور دِل جذبات کے اَسرار اِفشاء کرتا ہے۔ وقت کے ہم راہ سفر کرنے والا ایک انگیختہ جذبہ خود کو رقص سے سرشار کرتا ہے۔
تصوّر یا حقیقت ہے، کہ اکثر
مِرا سَر مجھ سے کٹ کر ناچتا ہے
وقت سے کوئی تعلق استوار کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اولاً وقت سے لاتعلقی کا اظہار بھی کیا جائے اور پھر اس کا اعتراف بھی کیا جائے۔ نیز اظہار اور اعتراف کی تفہیم کے لیے، تحریف کی فراہمی ضروری ہے۔ مندرجہ بالا شعر میں اظہار اور اعتراف کی صراحت کے لیے تحریف کا عنصر فراہم کیا گیا ہے۔ الفاظ ’’تصور، حقیقت‘‘ شعر بہ معنیِ اِفہام بارہا جاویدؔ کی فکر کے در پر دستک دیتا ہے۔
شاعری خواب دِکھاتی ہے تو یہ بھی سچ ہے
شعر کہنا ہے تصوّر کو حقیقت کرنا
جاویدؔ کے نزدیک ’’فکر‘‘ خلاؤں میں اُڑتی پھرنے والی وہ شے ہے جو شاعروں کی زد میں ہے۔ یاد رہے کہ یہاں ’’زد‘‘ کا مزاج منفی نہیں، مثبت ہے کہ بہ حیثیت مجموعی، تخلیق کا مزاج مثبت ہے۔ تخلیق، جادو اور جنتر نہ ہونے کے باوجود، شاعری بن کر دل پر اثر کرتی ہے۔ یہ اثر تشکیک سے پاک ہونے کے باوجود، سوالات کا ہم نوا ہے۔
شاعری دل پر اثر کرتی ہے کیوں
شاعری جادو نہ جنتر، کیا ہے یہ
حِس اور جذب میں تہہ داری کا رنگ ایوانِ شعر کے دَرو بام جگمگا دیتا ہے۔ جاویدؔ کے اسلوب میں یہ رنگ سوالات کی صورت میں جگ مگ سا نظر آتا ہے۔ وہ گاہے اس رنگ کو جمع کے صیغہ میں ڈھال کر، غباروں سے منسوب کرتا ہے، ایک سوال کے ساتھ۔
عجب حالت ہے دل کے آسماں کی
غبارے رنگتوں کے اُڑ گئے کیا
آسمانِ دل کا دیدہ زمینِ جاں تکتا ہے تو رنگوں میں نہایا منظر، پس منظر سے ہم آہنگ نظر آتا ہے۔
زیرِ پیراہن بھی وہ رنگیں بدن
سَر سے پا تک شعلۂ عریاں لگے
’’شعلۂ جاں ‘‘ ایک اختراعی ترکیب ہے۔ ایک جانب جاویدؔ روایتی اضافتی تراکیب۔۔۔ ’’جامِ سفال، جامِ جم، بارِ دگر، خلوتِ جاں، غمِ ایّام‘‘۔۔۔ بروئے کار لاتا ہے تو دوسری جانب وہ حسِ اختراع سے نئی اضافتی تراکیب بھی تراشتا ہے، مثلاً ’’ہنگامِ شکر، پسِ دُعا، رشتۂِ تمثال، جرمِ تقلید، منّتِ دریا‘‘۔ یہی صورت عطفی تراکیب میں بھی نظر آتی ہے مثلاً ’’پیچ و خم، زیر و بم، روز و شب، دیوار و در، رنگ و نور‘‘۔ اس ضمن میں ذرا سا آگے بڑھیے اور نئی عطفی تراکیب کا حظ اٹھائیے۔ ’’خارو خزف، سنگ و چوب‘‘ ان د و تراکیب میں اضافت اور عطف ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔ ’’فریبِ نبود و بود، اساسِ ہست و بود‘‘ کاوشِ غزل تزئین اور تحسین سے معمور ہو تو متن سج جاتا ہے۔ اس لیے غزل کی روایتی لفظیات ایک جدا پہچان رکھتی ہیں۔ جاویدؔ نے چند غیر روایتی الفاظ کو بھی اعتبار کا درجہ دیا ہے، مثلاً ’’ہوا پیشہ، ادھ کھلے، آسما ں شخص، نفیری، شیاطیں، ناگ پھنی، کلہاڑا، پلڑے ‘‘۔
شاعر، صنف اور متن میں ایک گہرا ربط ہوتا ہے۔ یہ ربط شاعر کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ یہ حقیقت متون کے مناسب اور خوش گوار بیان کے لیے زبان کا سلیقہ متعین کرتی ہے جس میں الفاظ اور بحور اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جاویدؔ کے اسلوب میں، الفاظ کا دائرہ بحور کے دائرے سے نسبتاً زیادہ وسیع ہے۔ بحور کے ضمن میں پہلے یہ چھ رکنی بحریں ملاحظہ کیجیے۔ ’’(جس کو دیکھو وہی سفر میں ہے / دشتِ دِل رنگتوں کی زد میں ہے ؟ فاعِ لاتُن، مَ فاعِ لُن، فع لُن/ بحرِ خفیف مسدّس مخبون مشعث محذوف)‘‘۔۔۔ ’’( اشک ڈھلتے نہیں دیکھے جاتے / یاد یوں ہوش گنوا بیٹھی ہے / فاعِ لاتن، فاعِ لاتن فع لُن/ بحرِ رمل مسدّس سالم مخبون مسکّن محذوف)‘‘۔۔۔ ’’( فاصلوں کو درمیاں پر لکھ دِیا/ جانبِ دَر دیکھنا اچھانہیں /فاعِ لاتُن، فاعِ لاتُن، فاعِ لُن/ بحرِ رمل مسدّس سالم محذوف)‘‘۔ اب یہ آٹھ رکنی بحر بھی دیکھیے۔ ’’(باتیں کرنا لاحاصل تھا/ فع لُن، فع لُن، فع لُن/ بحرِ متقارب مثمّن اثلم)‘‘۔ متقارب میں یہ صورتیں بھی دیکھیے ’’دریا میں کاغذ کی کشتی ڈالی ہے / شبنم، آنسو، قطرہ، دریا اور مہاساگر بھی ہے ‘‘۔ ’’ (چاندنی کا رقص دریا پر نہیں دیکھا گیا/ فاعِ لاتُن، فاعِ لاتُن، فاعِ لاتُن، فاعِ لُن/ بحرِ رمل مثمّن سالم محذوف)‘‘۔ ’’(دِل کی دیوانگی کا سماں ہر طرف/ فاعِ لُن، فاعِ لُن، فاعِ لُن، فاعِ لُن، /بحرِ متدراک مثمّن سالم)‘‘۔ ’’(حصار ہاتھ کا اپنے بنا کے رکھ لیتے / مَ فاعِ لُن، فَ عِ لاتُن، مَ فاعِ لُن، فع لُن/ بحرِ محبتث مثمّن مخبون محذوف مسکّن)‘‘۔ ’’(دنیا نے جب ڈرایا تو ڈرنے میں لگ گیا/ مف عول، فاعِ لاتُ، مَ فاعی ل، فاعِ لُن/ بحرِ مضارع مثمّن مکفوف محذوف)‘‘۔
جاویدؔ کے اسلوب میں ایک بحر سَر چڑھ کر بولتی ہے۔وہ کہتی ہے ’’مَیں عبد اللہ کی سرشتِ شعر میں پوری طرح رچی بسی ہوں، وہ گھوم پھر کر میری طرف ہی آتا ہے، اُسے میری بانہوں میں بے پناہ قرار ملتا ہے، وہ بے خود ہو کر گنگناتا ہے تو غنائیت کی رِم جھم سے شعر شاداب ہو جاتا ہے، متن میں رَس گھلتا ہے پیام مہکنے لگتا ہے۔ میرانام بحرِ ہزج مسدّس سالم محذوف ہے، عروضیے میری تقطیع یوں کرتے ہیں / مَ فاعِی لُن، مَ فاعِی لُن، فَ عولُن)،۔۔۔ بہ الفاظِ دیگر یوں کہیے کہ جاوید کی غزل کا چنچل پَن اسی مَن چلی، تِھرکتی بحر کی بھی دین ہے۔ اس بحر میں بہت ساری غزلوں کا حوالہ دیا جا سکتا ہے لیکن فی الحال ان مثالوں پر اکتفا کیا گیا ہے ’’(جسے ہم دوستی سمجھے ہوئے تھے / جہاں بھی جاؤ گے، دیوار ہو گی/سمندر پار آ بیٹھے مگر کیا/ کبھی پیارا کوئی منظر لگے گا/ ہوا پیشہ کوئی دِ ل دار کب تھا/ تمہارے ماسوا رشتہ نہ رکھا/ سفر جاری ہے، منزل پر رُکے گا/ کوئی رکتا نہیں ہے راستے پر/ سبھی آلام لے کر اُڑ گیا ہے / قفس تو ہے مگر دِکھتا نہیں ہے )‘‘۔ اس بحر میں ان اشعار سے گھر سے بے گھر ہونے والا ہاجر شاعر جاویدؔ اپنا حالِ دل جگ کو سناتا ہے۔ آج گلوبل ولج کے حوالے اس آپ بیتی سے جگ بیتی کو جُدا کرنا ممکن نہیں۔
چمن سنسان، جنگل بے زباں ہیں
پرندے ہجرتوں کے اُڑ گئے کیا
زمانہ ساتھ لے کر اُڑ رہا تھا
مسافر بے پروں کے اُڑ گئے کیا
آج نقل مکانی روحِ ہجرت سے محروم ہے۔ بہ وجوہ، نقل مکانی کو ہجرت سے تعبیر کرنے والا حالات و واقعات سکوں نا آشنا ہیں۔ یوں کہیے کہ جذباتی طور پر، دربدری کے مقدر میں کوئی دَر نہیں، بے قراری کی منزل قرار نہیں، امید کی آگ دِ ل کو کندن نہیں، لاوا بناتی ہے۔ یہ لاوا نئے روز و شب، نئے مناظر سے معمور ہے۔ یہ لاوا ہر آن درِ دل پر سوالات سے دستک دیتا ہے۔
سمندر پار آ بیٹھے، مگر کیا
نئے ملکوں میں بن جاتے ہیں گھر کیا
نئے ملکوں میں لگتا ہے نیا سب زمیں کیا، آسماں کیا اور شجر کیا
اُدھر کے لوگ کیا کیا سوچتے ہیں اِدھر بستے ہیں خوابوں کے نگر کیا
جاویدؔ آدھا نہیں پورا شاعر ہے کہ وہ محض نقل مکانی، ہجرت، نئے موسموں اور نئے دیوار و دَر کا شاعر نہیں۔ اس کی شاعری میں ہجرت ایک گوشہ ہے۔ اس کے نزدیک زندگی کُل کا درجہ رکھتی ہے اور ماحول جز کا درجہ۔ اسلوبِ جاویدؔ میں جُز اور کُل ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ یہ ربط فطری ہے کہ فرد کی آنکھ دل سے گفتگو کا سلسلہ کسی تعطل کے بغیر جاری رکھتی ہے۔ آنکھ اور دِ ل سانسوں سے مرہون ہیں۔ ہر سانس حیات و موت سے ہم آواز اور ہم رنگ پیام ہے۔ جاویدؔ اس پیام سے آگاہ ہو کر خود کو ماحول کا ایک رکن مانتا ہے اور اپنے مشاہدات، تجربات اور ترجیحات شعر کے سانچے میں ڈھالتا ہے۔ وہ کبھی اشاروں، کبھی کنایوں اور کبھی برملا الفاظ میں مجوزہ ماحول کو اپنی ذات کا حصّہ بنانے کی سعی کرتا ہے، مثلاً ’’یہ زندگی ایک طلسمی شہر ہے جسے پیچھے مڑ کر دیکھنا اچھا نہیں / شاعری پیٹ کی خاطر بازار کے بیچ آ بیٹھی ہے / سچ بولنے پر شانوں سے سر جاتا ہے / سفر جان لے کر، منزل پر رکے گا/ باتوں سے دل نہیں بہلتا/ راہی کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ ہر راستہ اسی کے گھر جاتا ہے / مشینوں کے گھنیرے جنگلوں میں بھٹکتی روح کا سفر لا معنی ہے / یہ ارض و سما اللہ کے ہیں جِن پر غیروں کا قبضہ ہے / کوئی خود سر، دیوانی ہوا بادل پر حکمراں ہے / یہ ایک الگ بات ہے کہ تن میں روح ہے یا نہیں لیکن یہ گمان ضرور ہے کہ دریا میں کوئی ناؤ ہے / کاسۂِ درویش دستاروں کے بیچ رکھّا جائے کہ کچھ جگہ خالی ہے / فرد کائناتی بندھنوں میں بندھا ہے لیکن اُسے کوئی بھی بندھن نظر نہیں آتا/ عکس چہرہ سے مختلف ہو سکتا ہے / زندگی کے بارے میں جتنا بھی سوچا جائے کم ہے / عشق کا خنجر رگِ جاں پر رکتا ہے )‘‘۔ وغیرہ وغیرہ۔ یہ گفتگو جاری رہتی ہے۔ ’’ ظاہر میں عشق خوش بُو کا سفر ہے جس کا راستہ انگاروں سے ہو کر گزرتا ہے۔‘‘
عشق ہے ظاہر میں خوش بُو کا سفر
راستہ جاتا ہے انگاروں کے بیچ
عشق کے انگاروں سے بچا جا سکتا ہے ؟ شاید ہاں، شاید نہیں۔
خطائیں اور تھیں کرنے کے لائق
خطائے عاشقی کرنی نہیں تھی
خطائے عشق سے دو چار ہونا ہی ہے تو غافل بنا دینے والی اس شے کو دل ہی میں چھپا کر رکھیے کہ یہ دل میں چھپانے کی ایک چیز ہے۔
یہ کیسا عشق تھا، غافل بنا دیا ہم کو
وہ دل کی چیز تھی، دل میں چھپا کے رکھ لیتے
خطا سے معمور جذبۂ عشق فرد کو سرشاری، وارفتگی اور آشفتگی بھی عطا کرتا ہے اور گہے دیوانگی بھی۔ یہ دیوانگی خوش بُو کی ہم سَر ہوتی ہے۔ واضح، گویا اور پُر اثر۔ خوش بُو کی طرح یہ دیوانگی خود کو چھپانے کا جوہر نہیں رکھتی۔ یوں کہیے کہ جذبۂِ عشق، مجروحِ عشق کا ہر زخم یوں کھول دیتا ہے کہ اس کے ظاہر و باطن زمانہ پر عیاں ہو جائیں۔ شاعر جاویدؔ کا کردار بھی کردارِ مجروحِ عشق سے جدا نہیں، مثلاً ’’(چاہ کی ایک ہی چنگاری سے زندگی رقصِ شر ر تک پہنچی/ میری حیات میں لہو کے چراغ روشن ہیں / وفورِ شوق نے ہمیں برسوں رسوا کیا/ میں کسی اور کے شعلۂِ رخسار سے نہیں، اپنی ہی آگ میں جلا ہوں / نینوں کے تارے اور من میں پھانس لیے، میں جُگ جُگ سے ایک آس لیے بیٹھا ہوں / میرے دل کی دھڑکن اتنی گراں ہے کہ موجِ نسیم میرے احساس میں کانٹے چبھوتی ہے / عشق ستاروں کی مانند ایک جلتا دیا ہے )‘‘ آگہی سے عشق جلا پاتی ہے تو مجروحِ عشق جوہرِ تمیٔز سے ہم کنار ہو کر درِ بیاں پر علامتوں کی شمعیں روشن کرتا ہے۔
جاں یوں تو گراں شے ہے مگر وقت پڑا جب
اِک جرعۂ مَے جاں سے گراں تر نظر آیا
اس شعر میں جان، گرانی اور جرعۂ مَے ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ اس ربط کی تہیں کھولیے، معانی کو خول سے باہر لائیے اور تفہیم کا حظ اُٹھائیے۔ اس حظ میں گہرائی بھی ہے، گیرائی بھی۔
عبد اللہ جاویدؔ کی غزل زبان اور بیان کی یک جان روح ہے۔ مجوزہ روح اُس قرار کے لیے سرگرداں ہے جو بے قراری کی ایک رواں دواں تمنا ہے۔ اس تمنّا میں وقت کے مدارج خود کو عصرِ حاضر میں پروتے ہیں۔ یہی مدارج غزلِ جاوید کے انسلاکی عناصر ٹھہرتے ہیں کہ ان عناصر میں آپ بیتی بھی ہے اور جگ بیتی بھی۔ ان عناصر میں فرد کی ذات تنہا بھی ہے اور ایک جیتی جاگتی بزم بھی۔ ان عناصر میں دسترس کا اعتبار بھی ہے اور قدرت کا عَیار بھی۔ یوں جاویدؔ اپنی کاوشات کام یاب بنانے میں سُرخ رُو ہے۔ بہ الفاظ دگر، غز ل میں جاوید کی سُرخ روئی، ہمارے عہد میں پائی جانے والی غزل کی سُرخ روئی ہے۔ موجودہ غزل گو یوں کے اجتماع میں، جاویدؔ کا مقام نمایاں بھی ہے اور نمایندہ بھی بلاشبہ، جاویدؔ کا مقامِ غزل گوئی منفرد ہے۔
جاویدؔ صاحب! مبارک باد۔ یہ رباعی جاویدؔ کے اسلوبِ غزل کی نذر ہے۔
شوخی کی ادا بن کے لہکتی بھی ہے
ہم راہ نظاروں کے چہکتی بھی ہے
ایمنؔ کا یہ کہنا ہے کہ گُل شن بن کر
جاویدؔ، غزل تیری مہکتی بھی ہے
٭٭٭
ایک نظم تمہارے لیے
عبد اللہ جاوید
تمہیں اپنی عقل اپنے قلم پر
بڑا ناز تھا
تمہیں اپنے سیاسی شعور پر
بڑا فخر تھا
تم اپنی شاعری کے بارے میں
ہمیشہ غلط دعوے کیا کرتے تھے
لیکن
کل اچانک
جب تمہاری ملاقات
ایک اجنبی سے ہوئی
تو تمہاری عقل تمہارا قلم
کچھ کام نہ آیا
اور تم
لاجواب ہو کر واپس چلے آئے
کیا تمہیں اب بھی کوئی غلط فہمی ہے
’سرزمینِ زرفشاں
خواجہ دل محمد ایم۔ اے
(پنجاب یونیورسٹی کی جوبلی کے موقع پر)
علومِ نو سکھائے جا، رہِ یقیں بتائے جا
حجاب سب اُٹھائے جا، حقیقتیں دکھائے جا
ہوں دُور جس سے ظلمتیں وہ مشعلیں جلائے جا
مئے کہن پلائے جا تو خم پہ خم لُنڈھائے جا
طبیعتوں کی تشنگی بجھائے جا بجھائے جا
شباب مستِ خواب ہے اسے دوائے ہوش دے
ہو جس میں لذّتِ عمل وہ جوشِ بے خروش دے
وہ جوش جو سروش کو صلائے ناؤ نوش دے
نگاہِ حق پسند دے جو گوشِ حق نیوش دے
ترقیوں کی راہ پر چلائے جا چلائے جا
یہ سر زمینِ زر فشاں جہاں میں انتخاب ہے
ہمیشہ جس کو بھیجتا ہمالہ آبِ ناب ہے
کہیں وہ راویِ رواں سے ہوتی فیضیاب ہے
کہیں پہ ستلج و بیاس و جہلم و چناب ہے
یہیں پہ نہرِ علم تُو بہائے جا بہائے جا
فضائے ہند ہو رہی ہے تنگ و تار چارسُو
کیا ہے پھوٹ نے ہمیں ذلیل و خوار چار سُو
تباہیوں کی بجلیاں ہیں شعلہ بار چار سُو
لپٹ کے پھر گلے ملیں یہ دلفگار چار سُو
کچھ اس ادا سے بنسری بجائے جا بجائے جا
فضا کو پا کے بیکراں سمٹ گیا ہے آسماں
تو ذرّہ ذرّہ وسعتوں سے ہو چلا ہے اک جہاں
تجسّسِ خیال ہے بہ فکرِ حدِ لامکاں
تُو علم و فن کے معجزوں سے ہر نہاں کو کر عیاں
نئی فضائیں روح کو دکھائے جا دکھائے جا
ہے جوئے کائنات میں چھپا ہوا حسیں کوئی
ہے چاند جس کا آئینہ ہے وہ بھی مہ جبیں کوئی
ادائیں کیوں ہیں دلنشیں اگر حسیں نہیں کوئی
ستارے کی نگہ سے پوچھ دیکھ ہے یہیں کوئی
سراغ اُس حسیں کا تُو لگائے جا لگائے جا
نگاہ میں سمائے جا، دل و جگر پہ چھائے جا
کدورتیں مٹائے جا، غلامیاں ہٹائے جا
پیامِ حق سنائے جا، اسی سے لو لگائے جا
یہ جُبلیاں منائے جا، خوشی کے راگ گائے جا
ہوائے شوق و لطف سے لُبھائے جا لُبھائے جا
٭٭٭
رس رابطے جستجو، ترتیب، تدوین نازش فردوس (راولپنڈی)
محترم گلزار جاوید صاحب، السلام علیکم۔
چہار سو کے تازہ شمارہ کی بیک وقت ہارڈ اور سوفٹ کاپیاں دستیاب ہوئیں جس کا ہر ہر صفحہ آپ کی محنت اور جدّت طرازی کا آئینہ دار ہے۔ اس خاص شمارے میں آپ نے مجھ ناچیز پر بشکلِ قرطاسِ اعزاز جو عنایت فرمائی ہے اُس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ ڈھونڈنا بہت دشوار ہے۔ خدا کرے آپ یونہی سدا ادب کی خدمت کرتے رہیں۔
خلیل طوق آر (ترکی)
گلزار صاحب، خوش رہیے۔
اس بار آپ نے ترکی کے ہونہار شیدائی اردو جناب خلیل طوق آر سے ’’ چہارسو‘‘ منسوب کر کے ایک اور قابل ذکر کارنامہ انجام دیا ہے۔ طوق آر صاحب سے منسوب تمام مضامین، تصاویر، آراء اور انٹرویو نہایت خوبصورتی سے ترتیب دیے گئے ہیں۔ میری جانب سے اس عمدہ اشاعت پر دلی مبارکباد قبول کیجیے اور طوق آر صاحب کو بھی اس میں شریک کیجیے۔
گوپی چند نارنگ (دہلی، بھارت)
بھائی گلزار جاوید۔سلام۔
چہارسو ا سکرین پر دیکھا۔ اگلے وقتوں کا آ دمی ہوں، ورقِ قرطاس کا مارا ہوا۔ قرطاسِ اعزاز کی شخصیت لائقِ اعزاز ہے۔ آپ نے اس کو پچاس صفحات کے قریب تک پہنچا دیا اور وہ بھی پوری تکریم اور وقار کے ساتھ۔ اس کے بعد قابلِ ذکر آپ کا ناولٹ ٹھہرا۔ معروضیت کے دامن کو کہیں بھی ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ جیسے جیسے نا ول آ گے بڑھتا ہے اس کی رمزیت بھی پو ری گھمبیرتا کے ساتھ ابھرتی جاتی ہے۔ پلاٹ پر زبردست نظم و ضبط اور مرکزی کرداروں، ہدایتکار، اداکار ہ، اداکار کی پیتھاس سے معمور تحلیل نفسی۔۔۔ افسانے کا شعبہ بھی بھرپور لگتا ہے۔ ایک ہی افسانہ پڑھا اور وہ بھی سرسری۔۔۔۔ اس لئے چپ ہوں۔ غزل (صبح کے نو اجالے ) جمیل یوسف، شبنم شکیل، مامون ایمن اور غالب عرفان کی غزلوں سے لطف لے سکا۔ ا سکرین پر زیادہ پڑھنا ایک نشست میں ممکن نہیں۔ لیکن جس ورق پر نظر پڑی ’’ ہر ورقِ دفتریست معرفتِ چہار سو۔‘‘ کے مصداق پایا۔ مبارک ہو۔
عبداللہ جاوید (کینیڈا)
بردارِ عزیز جناب گلزار جاوید صاحب، السلا م علیکم۔
چہار سو کا خوبصورت مجلہ خلیل طوق آر نمبر نظر نواز ہوا۔ اس کرم فرمائی کے لیے سراپا امتنان تشکر ہوں۔ اللہ آپ کو خوش رکھے۔ آمین۔ جہاں صوری اور معنوی لحاظ سے چہار سو کے جمال و کمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے وہاں اس کی زلفِ دراز میں کچھ ایسے پیچ و خم بھی پڑ رہے ہیں جن کے کس بل نکالنا ضروری ہے۔ کمپوزنگ کی غلطیاں بڑھ رہی ہیں۔ نثر میں یہ لغزشیں ہوں تو اتنی نمایاں نظر نہیں آتیں مگر شاعری میں کمپوزنگ کی ذرا سی غلطی شعر کا حلیہ ہی بگاڑ دیتی ہے۔ مثال کے طور پر میری غزل میں دوسرے شعر کا ’’اُسی ‘‘ اُس بن گیا ہے۔ چھٹے شعر میں خزاں کے لفظ کے بعد از خود ’’کی‘‘ کا اضافہ کر دیا ہے۔ ہو سکتا ہے کچھ نقطہ چیں قسم کے ذوقِ شعری سے عاری قارئین ان مصرعوں کو بے وزن قرار دے کر مجھے موردِ الزام ٹھہرانے کا موقع ڈھونڈیں۔
جمیل یوسف (مری)
میرے گلزار!
اس وقت صبح کے تین بج رہے ہیں اور میں ’’فلم باقی ہے ابھی‘‘ کا مطالعہ کر کے نہایت دلگیر انداز میں یہ سطور آپ کو تحریر کر رہا ہوں۔ آپ نے مرحومہ بھابھی کی یادوں سے جس طرح حقیقت نگاری میں کمال کی تمام حدیں عبور کی ہیں قاری اس کو پڑھنے کے بعد پاگل نہیں ہو گا تو یہ اُس کا کمال ہے۔ میں آپ کی ہر تحریر کو بہت شوق اور توجہ سے پڑھا کرتا ہوں مگر اس بار آپ نے مجھے جس قدر بے دست وپا کیا ہے اُس کے بعد اس خوبصورت شمارے پر کسی قسم کا تبصرہ کرنا کم از کم اس وقت میرے لیے بہت دشوار ہے۔
یو گیندر بہل تشنہ (دہلی، بھارت)
برادرِ عزیزِ مکرم، گلزار جاوید ! سلام مسنون۔
چہار سُو کا مارچ، اپریل ۲۰۱۰ء کا شمارہ موصول ہوا۔ خلیل طوق آر فی الواقع ایسی ہی داد و تحسین کے مستحق ہیں اور آپ بھی ویسی ہی داد و تحسین کے سزاوار ہیں۔ اچھا لگا کہ آپ نے اردو ادب کے ایک بے لوث ترک ادیب کو ’’قرطاسِ اعزاز‘‘ سے سرفراز کیا۔ یہ ’’ دلِ مضطرب، نگاہِ شفیقانہ‘‘ والی درویشی سمجھ میں نہیں آئی۔ آپ کا خدا ہی حافظ !
امین راحت چغتائی (راولپنڈی)
محترمی بھائی گلزار جاوید، السلام علیکم۔
تازہ شمارہ اپنی اس خصوصی اہمیت کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کہ اس سوغاتِ ادب میں ڈاکٹر خلیل طوق آر جسے ترکی عاشق اردو کے کا رہائے نمایاں کی تفصیل اور اُن پر ہماری اردو دنیا کے مشاہیر کی گراں قدر آرا کا محاکمہ موجود ہے۔ پھر سونے پر سہاگہ اُن کا ’’براہِ راست‘‘ ثابت ہوا جس میں ڈاکٹر صاحب نے اردو سے اپنے شوقِ دیوانگی کو انکساری کے ساتھ بیان فرما کر ترک قوم کے اشرافیہ کی لاج رکھی۔ اللہ تعالیٰ موصوف کو اُن کی علمیت کے ساتھ ایک طویل صحت مند زندگی عطا فرمائے۔ آمین! افسانوں میں سب سے خوبصورت اور بہترین افسانہ (میرے مطابق) عبد اللہ جاوید کا ’’چھت سے گرنے والی‘‘ رہا۔ جس میں انہوں نے کینیڈا کے پس منظر میں ایک روحانی تجربے کو صفحہ قرطاس پر اس خوبصورتی سے بکھیرا ہے کہ اسلام کی روح محبت کی بلند و بالا سطح کو چھوتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ مبارکباد! ویسے ’’پانچ بج کر بیالیس منٹ ‘‘ میں فیروز عالم نے جو کچھ کہنا چاہا ہے وہ یقیناً مذہب کو مذاق بنانے والی ہستیوں کا نوحہ ہے یہ افسانہ بھی پاکستان سے مغرب کی وابستگی کے بیچ پروان چڑھنے والی اقدار کا کتھارسس بن گیا ہے ! ’’فلم باقی ہے ابھی‘‘ ناولٹ یقیناً پڑھنے کی چیز ہے لیکن عدیم الفرصت ہونے کے سبب میں نے اس مقدس پتھر کو چوم کر رکھ دیا ہے۔ بشرطِ فرصت تفصیلی مطالعے کے بعد جلد ہی اس پر اپنے تاثرات سے آگاہ کروں گا۔طاہرہ اقبال کا ’’نگینِ گم گشتہ‘‘ اپنی آخری قسط میں بالکل پھسپھسا لگا ایسا لگتا ہے موصوفہ نے اختتامی حصے کو جلدی جلدی سمیٹنے کی خاطر اس کی سابقہ دلچسپوں کا خیال نہ رکھا ورنہ سابقہ مشرقی پاکستان کے تازہ ترین ماحول اور معلومات کے ساتھ اس کی ہر قسط مجھ جیسے قاری نے بہت دھیان سے پڑھی ہو گی۔ سب سے آخر میں جس کا ذکر سب سے پہلے ہونا چاہیے میں سلطانہ مہر کے تاریخی مضمون ’’قیصر تمکین کی داستان‘‘ کے بارے میں یہ کہنا چا ہوں گا کہ ’’چہار سو‘‘ کی روایت کے حوالے سے یہ بہت زیادہ اہم شاید تحقیقی تحریر ہے۔ قیصر تمکین نے لندن میں بیٹھ کر جس طرح اردو کے گیسو سنوارے ہیں اور جتنی عرق ریزی سے مختلف تنقید ی مضامین لکھے ہیں وہ روزِ روشن کی طرح ساری دنیا پر عیاں ہیں۔ اس میں کوئی شبہہ نہیں کہ مختلف اکادمیاں اور تنظیموں نے ان کے کام سے جس طرح چشم پوشی کی وہ ہم اردو والوں کے تعصبانہ روئیے کی دلیل ہے۔ میں تو اپنے ہائی ا سکول کے زمانے سے ہی ان کی تخلیقات و تنقیحات کا مداح رہا ہوں۔ ’’چہا ر سو‘‘ اور سلطانہ مہر اس ’’داستان‘‘ کے لیے قابل صد مبارکباد ہیں۔
غالب عرفان (کراچی)
جناب گلزار جاوید صاحب،سلامِ نیاز۔
چہارسو پڑھوانے کا شکریہ۔ ابھی پڑھنا باقی ہے فی الوقت بہت بہت مبارکباد۔ ’ فلم باقی ہے ابھی ، کے نام سے اتنا تجسس ہوا کہ پڑھتی چلی گئی۔۔۔ بہت پسند آ یا، پلاٹ ، کردار اور تھیم پر آپ کی گرفت نے حیران کر دیا۔ کیا بنت ہے کہ کو ئی دھاگہ یا ریشہ باہر نہیں۔ کیا آپ نے کوئی فلم بنائی ہے یا بنتے دیکھی ہے۔ پورے واقف کار معلوم ہو تے ہیں۔ فلم باقی ہی رہتی ہے اور رہے گی اس دن تک جس کا وعدہ کیا گیا ہے۔ دیکھئے افسانوں کا شعبہ ختم کر کے اس پر کچھ کہہ پا تی ہوں یا نہیں۔
شہناز خانم عابدی (کینیڈا)
برادرِ محترم، گلزار جاوید ! السلام علیکم۔
مارچ / اپریل ۲۰۱۰ء کا ’’چہار سو‘‘ اپنے دامن میں رنگا رنگ پھول لئے اور فکر و نظر کو تازگی بخشنے والی سوغاتیں لئے نظر نواز ہوا جس کے لیے انتہائی ممنون ہوں۔ اس بار آپ نے برادر ملک ترکی کے ایک نامور عاشق اردو سے مفصل ملاقات کرا کے قارئین چہار سو کو خوب آسودہ حال کیا۔ یہ سلسلہ چہار سو کے نام کی مناسبت سے آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی چہار سو کے مشمولات اپنی مثال آپ ہیں مگر ’’فلم باقی ہے ابھی‘‘ ایک ایسی رودادِ الم ہے جو ایک اداکار اور اداکارہ کی داستانِ حیات کا عکس ہی نہیں بلکہ ہم سب کی اگر نہیں تو بہت سوں کی آپ بیتی بھی ہے کہانی (بلکہ رودادِ زندگی) جوں جوں آگے بڑھتی ہے قاری کا تجسس بھی بڑھتا جاتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ آپ نے اپنے خون جگر میں انگلیاں ڈبو کر اپنی اہلیہ کی یاد میں جو داستانِ فراق تمثیلی انداز میں صفحۂ قرطاس پر رقم کی ہے اُس کے حرف حرف سے آپکی والہانہ عقیدت اور محبت آشکار ہے اور پھر بقول مولانا روم:
خُوشتر اک باشد کہ سرِّ دلبراں
گُفتہ آید درحدیث دیگراں
یعنی دلبر کی داستان دوسروں کے پیرائے میں بیان کرنے سے خوبصورت ہو جاتی ہے۔ یہ آپ کے دل کی آواز ہے جو پڑھنے والوں کے دلوں کو گداز کرتی ہے اور پھر یہ بھی بدیہی حقیقت ہے کہ بقولِ علامہ اقبال :
موت تجدیدِ مذاقِ زندگی کا نام ہے
خواب کے پردے میں بیداری کا اِک پیغام ہے
خُوگرِ پرواز کو پرواز میں ڈر کچھ نہیں
موت اس گلشن میں جُز سنجیدن پر کچھ نہیں
جوہر انساں عدم سے آشنا ہوتا نہیں
آنکھ سے غائب تو ہوتا ہے فنا ہوتا نہیں
سرورانبالوی (راولپنڈی)
چہار سو کے باغبان، برادر عزیز گلزار صاحب۔
’’چہار سو‘‘ کا خاص شمارہ جس میں اردو دنیا کے مایہ ناز فرزند اور قلمکار خلیل طوق آر کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے نظر نواز ہوا۔خلیل صاحب ایک کمال شخصیت ہیں۔میں نے انکی بیش تر کتابیں پڑھی ہیں اور میں ان کا پرستار ہوں۔ان سے غائبانہ تعارف تو تھا ہی مگر گذشتہ ماہ نومبر میں لاس انجلز کے عالمی مشاعرے میں ان سے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوا۔میں نے انہیں بہت با اخلاق اور منکسر ا لمزاج پایا۔آپ کے اس شمارے نے انکے متعلق بہت ہی متوازن مواد اور اطلاعات بہم پہنچائیں۔سب سے پہلے تو آپ کا روایتی انٹرویو ہی بہت مکمل اور پر اثر ہے اس کے علاوہ ان کی اپنی تحریر ’’بلبل بے بال و پر‘‘ ایک دل کو چھو لینی والی تحریر ہے جسے پڑھ کر کسی بھی قاری کی آنکھیں نم ہو جائیں گی اور دنیا کی بے ثباتی پر اس کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے۔خلیل صاحب کے متعلق یوں تو سارے مضامین اچھے ہیں لیکن رئیس الدین رئیس صاحب کا مضمون پسند آیا۔ معراج جامی صاحب کا خاکہ ’’خدا تجھے کسی طوفاں سے آشنا کر دے ‘‘ ایک بیحد شگفتہ تحریر ہے۔خلیل صاحب ان سے بہت قریب ہیں۔ یہ انہی کا حصہ ہے کہ وہ انکے بارے میں ایسا ترو تازہ اور بے ساختہ مضمون قلم بند کریں۔افسانوں میں عبد اللہ جاوید کا ’’چھت سے گرنے والی ‘‘ ایک دل دوز کہانی ہے جسے مصنف نے خوب نبھایا ہے۔یہاں پروین عاطف کے افسانے کا خاس طور پر تذکرہ نہ کرنا انکے ساتھ نا انصافی ہو گی۔ موجودہ حالات کے پس منظر میں انہوں ایسی اثر انگیز کہانی لکھی ہے کہ قاری پر ایک لرزہ طاری ہو جاتا ہے۔پھر کہانی کی بنت بھی خوب ہے کہ پڑھنے والے کو شروع میں احساس ہی نہیں ہوتا کہ کہانی کس طرف جا رہی ہے۔کہانی کا انجام ہم سب کے لئے ایک لمحہ فکریہ فراہم کرتا ہے۔۔ نشان راہ کے تحت میری دیرینہ دوست اور محسنہ محترمہ سلطانہ مہر صاحبہ کا قیصر تمکین سے انٹر ویو ایک شاہکار ہے۔ وہ کئی دہائی سے اردو ادب کے آسمان پر جلوہ گر ہیں اور انکے قلم کی روشنی اب بھی اسی آب و تاب سے روشن ہے۔آپکی طویل کہانی یا ناولٹ نے مجھے الجھا دیا۔ایک بار پھر پڑھوں گا۔پلاٹ دلچسپ ہے مگر ’’اداکار‘‘ و’’ اداکارہ ‘‘کی تکرار الجھن کا سبب بنی۔طاہرہ اقبال کا سفر نامہ میرے لئے شروع سے ہی دلچسپی کا باعث رہا ہے مگر ہر دفعہ مجھے یہ پڑھ کر نہ جانے کیوں اس کا احساس ہوتا ہے کہ بنگلہ دیش کے لئے انکے ذہن میں اب بھی کڑواہٹ موجود ہے۔ اپنے ہی ملک کے حصے اور اپنے ہی بھائیوں کے یوں علیحدہ ہو جانے کا دکھ تو ہر پاکستانی اور خاص طور سے ہماری نسل، جو اب بھی کبھی کبھی بے ساختگی سے اسے مشرقی پاکستان ہی کہہ دیتی ہے، کے ہر فرد کو ہے مگر شاید اب ہمیں اس کڑواہٹ کو کم کر دینا چاہئے۔انکی تحریر حسب سابق پرکشش تھی۔چہار سو کے ہر شمارے سے اس کی ترتیب میں آپکی محنت اور توجہ آشکار ہے۔اس باغ سے جسکی آبیاری آپ کر رہے ہیں ہم جیسے بہت سے قارئین اور نو آموز قلمکار فیضیاب ہو رہے ہیں۔
فیروز عالم (یو۔ ایس۔ اے )
مکرمی گلزار جاوید صاحب، تسلیم و آداب!
متاعِ چہارسُو نے دامن شب رنگ کو نورو نکہت سے بھر دیا۔ دنیائے ادب میں چہار سُو خوشبو پھیلانے میں گلزار جاوید کے دستِ معجز نما اور ذہن رسا کی ایسی کارفرمائی کہ ترکی میں اردو کیلئے صاحب خوش ادا خلیل طوق آر کی سرگرمیوں کا معتبر حوالہ، صبح نو کے اجالے، خواہشوں کے انبار اور جانے کیا کچھ پڑھنے کو ملا اور یوں شمارہ مارچ، اپریل اپنے نام کے اعتبار سے ایسے لگا جسے صحنِ چمن میں پازیب گل چھنکنے لگی ہو۔ خلیل طوق آر میرے کالج فیلو ڈاکٹر ذوالفقار صاحب کے داماد ہیں۔ یونیورسٹی اورینٹل کالج لاہور میں زیر تعلیم طلباء اور طالبات کی تعداد ان دنوں نہایت مختصر ہوا کرتی اس لئے ایم اے سال اول اور سال دوم کو اکثر یکجا کر دیا جاتا اور ڈاکٹر سید عبد اللہ، ڈاکٹر ابو اللیث صدیقی، پروفیسر وقار عظیم اور ڈاکٹر عبادت بریلوی ہمارے اساتذہ اپنا اپنا کورس مکمل کر وا دیتے۔ ۱۹۵۴ء میں سال دوم میں سید مشکور حسین یادؔ اور غلام حسین ذوالفقار ہونہار طالب علم تھے اور سال اول میں صابر لودھی، اعجاز الرحمن، اقتداحسن اور عبد الغفور میرے ہم جماعت تھے لیکن ہم سب غلام حسین ذوالفقار کے بارے میں ایک ہی رائے رکھتے کہ وہ ڈاکٹر سید عبد اللہ پرنسپل صاحب کے چہیتے، محنتی اور فرماں بردا رہیں۔ انہوں نے مولانا ظفر علی خان پر اپنا مقالہ بھی سید عبداللہ صاحب کی زیر نگرانی لکھا، ہم سب غلام حسین ذوالفقار کے ساتھ بے تکلفانہ گفتگو کیا کرتے، پی ایچ ڈی کرنے کے بعد وہ یونیورسٹی اورینٹل کالج میں استاد ہوئے اور بعد میں وہ ترکی میں استنبول یونیورسٹی شعبۂ السنۂ مشرقیہ میں شعبۂ اردو سے وابستہ ہوئے۔
خلیل طوق آر کا انٹرویو اور آپ کی طرف سے اٹھائے ہوئے سوالات نے بہت سی معلومات افزا باتیں قاری تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی طرح ڈاکٹر ستیہ پال آنند، ڈاکٹر اے بی اشرف، رئیس الدین رئیس اور ڈاکٹر ضیاء الحسن کے علاوہ دوسرے دوستوں نے خلیل طوق آر کے فن کی مختلف جہتیں تلاش کیں، اتنے بہت سے مضامین کو چہار سو میں جمع کرنا کارِ دارد اور ناممکن کو ممکن بنانا تھا۔ چہار سو کا ہر شمارہ آپ کی ریاضت اور گہرے شغف کی بدولت اپنی مثال آپ ہے۔ ڈاکٹر مہندر پرتاپ چاندؔ کی نظم ’’رفیقۂ حیات کی مرگ ناگہاں پر‘‘ پڑھ کر دکھ ہوا۔ ان سے میری خط و کتابت رہی، اس نادیدہ دوست کی زندگی میں پیدا ہونے والا خلا پُر نہیں ہو سکتا۔ میں چہار سو کی وساطت سے ان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور ایک نظم ان کی نذر کرتا ہوں ’’اکیلے رہ کے جینا ہے ‘‘ شاید یہ نظم ان کے زخم فرقت کا مرہم ثابت ہو۔
حسن عسکری کاظمی (لاہور)
محترم بھائی گلزار جاوید صاحب! آداب و نیاز۔
پچھلے تین چار روز سے ’’چہار سو‘‘ کا تازہ شمارہ میرے زیرِ مطالعہ ہے اور میں بے حد خوش وقت اور مستفید ہو رہا ہوں۔ ڈاکٹر خلیل طوق آر سے براہِ راست آپ کی گفتگو نہ صرف ان کی شخصیت اور فن سے متعلق بلکہ ترکی کی تہذیب و ثقافت اور وہاں کے ادبی ماحول کو سمجھنے کے لیے بھی بے حد معاون ثابت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر ستیہ پال آنند، پروفیسر ڈاکٹر اے بی اشرف اور جناب رئیس الدین رئیس و ڈاکٹر ضیاء الحسن صاحبان کے گراں قدر مقالے بھی بے حد معلوماتی ہیں اور موصوف کی شخصیت اور فنی حصو لیابیوں سے متعلق کئی گوشے وا کرتے ہیں۔ کہانیاں بھی سبھی دلچسپ اور معیاری ہیں خصوصاً محمد سعید شیخ صاحب کی کہانی ’’بے منزل‘‘ بہت معرکے کی چیز ہے۔ آپ کی طویل داستان بلکہ ناولٹ ’’فلم باقی ہے ابھی‘‘ نے بہت مزہ دیا۔ اسے پڑھتے ہوئے نہایت خوش گوار حیرت اس بات پر ہوئی کہ فلم سازی کے مختلف النوع مراحل کو بیان کرتے ہوئے آپ نے کتنی چابک دستی سے ان کی باریکیوں کو بیان کیا ہے یوں لگتا ہے کہ جیسے خود ہی اس انڈسٹری میں ایک کامیاب ہدایت کار رہے ہوں۔ میں اس کامیاب اور لائق تحسین تخلیق پر بہت دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ حصّہ نظم میں ذکیٔ کر دش، مامون ایمن، شبنم شکیل، غالب عرفان، پروین کمار اشک، انوار فیروز، عرش صہبائی، زہیر کنجاہی، رؤف خیر کا کلام لائق ستائش ہے۔
ہاں ایک چیز ہر بار قدرِ کھٹکتی ہے کہ سرِورق پر آپ جو تصاویر شائع کرتے ہیں اِن سے متعلق تفصیل نہیں دیتے۔ براہِ کرم آئندہ شمارے سے قارئین کی اس تشنگی کو دُور کرنے کی سعی فرمائیے۔ایک گزارش یہ بھی ہے کہ آپ کے شہر میں صوبہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے دو معروف اہلِ قلم جناب سُرور انبالوی اور انوار فیروز صاحب قیام پذیر ہیں۔ کبھی ملاقات کی سبیل نکلے تو اُنہیں میرا مؤدبانہ سلام ضرور کہیے۔میرے تحقیقی پروجیکٹ میں دونوں احباب نے مجھے اپنے بھرپور تعاون سے نوازا تھا۔
مہندر پرتاپ چاندؔ (انبالہ، بھارت)
مکرم و محترم گلزار جاوید صاحب، سلامِ مسنون۔
آپ ہر بار اتنی محبت سے چہار سو کا نیا شمارہ بھیجتے ہیں مگر اب سوچنے لگا ہوں ’’قاصد کے آتے آتے خط اک اور لکھ رکھوں ‘‘ کہ یہ قاصد واقعی ’’رقیب‘‘ بنتا جا رہا ہے۔ آپ بھی الجھ جاتے ہوں گے اور میں بھی محروم رہ جاتا ہوں مگر یقین کیجیے کہ آپ کی طرح میں بھی بے قصور ہوں، ممکن ہے ڈاک والوں کو چہار سو اتنا پسند ہو کہ پورا پڑھ کر آگے بڑھاتے ہوں۔ یقین کیجیے اگر وجہ یہی ہوئی تو میں ان سے ناراض ہونا چھوڑ دوں گا۔ بہرحال آپ کو رسید دیر سے دینے پر مجبور ہوں اور معذرت خواہ بھی کہ آپ تو وقت پر بھیج دیتے ہیں مگر میری طرف سے رسید اتنی دیر سے ملتی ہے۔ خلیل طوق آر صاحب کے بارے میں سنا تو تھا مگر اس شمارے میں باقاعدہ پڑھ کر بہت مزہ آیا۔ بہت اچھا لکھتے ہیں اور ان کی عرق ریزی ان کی تحریروں سے عیاں ہے۔ اُن کے بارے میں ستیہ پال آنند صاحب کا مضمون بڑا ا چھا لگا۔ میں نثری نظموں کا مداح کبھی نہیں رہا مگر اچھی نثری نظم پڑھ کر لطف ضرور اٹھاتا ہوں۔ خلیل صاحب کی نظموں کا شمار بھی ایسی ہی نظموں میں ہوتا ہے۔ بہت جاندار تشبیہات ہیں۔ آنند جی سے معذرت کے ساتھ میں انھیں ابھی تک نثری نظمیں ہی لکھ رہا ہوں۔ ان کی تنقید ہمیشہ کی طرح سوچنے کے کئی زاویے لیے ہوئے ہے اور پھر اس میں ایسے مزیدار جملے بھی ہیں۔ ’’گھسے پٹے استعاروں کی منحوس شکل‘‘۔ یہاں لفظ مزیدار پر معذرت کروں مگر پڑھ کر لطف بھی آتا ہے۔ میں ان کی اس بات سے پوری طرح متفق نہیں ہوں کہ غزل شعری تجربہ نہیں ہو سکتی مگر انھوں نے ’’پوری طرح‘‘ کہہ کر شاید وہ بات خود ہی کہہ دی ہے جو میں کہنا چاہ رہا ہوں۔ خلیل صاحب کی نظم ’’ایک قطرہ پانی کا ہوں میں ‘‘ میں مجھے لگا کہ شاید وہ یہاں ’’مادۂ تولید‘‘ کی طرف اشارہ نہیں کر رہے بلکہ یہ پانی ہی کے ایک قطرے کی تشبیہ ہے جیسے دریا کا پانی۔ آپ اس پانی میں موجود ایک قطرے کی نشاندہی نہیں کرسکتے کہ وہ پانی کے ایک بڑے حجم کا ایک حصہ ہوتا ہے اور ہر طرف سے اپنے جیسوں سے گھرا ہوتا ہے اور شاعر نے خود کو اسی جکڑ بندی کا شکار محسوس کیا ہے کہ وہ ایک قطرہ ہے مگر ایسا مقید! میری نظر میں یہ ایک بڑی زبردست تشبیہ ہے اور بہت حیران کن ہے، کیا خوبصورت خیال ہے۔ میں طفلِ مکتب، آنند جی سے سیکھتا رہتا ہوں کہ نہ صرف ان کے عہد میں زندہ ہوں بلکہ ان سے رابطے میں رہنے کی سعادت بھی حاصل رہتی ہے اور اسی وجہ سے یہ سب لکھنے کی جسارت بھی کر لی۔ آپ کا ناولٹ ’’فلم باقی ہے ابھی‘‘ ہمیشہ کی طرح مختلف طرز کا تھا، اختتام اچھا لگا اور ہدایتکار پر طنز البتہ طوالت کا احساس ہوا یا یوں کہہ لیجیے کہ ’’امر کہانی‘‘ طویل ہو گئی۔ غزلوں میں کہیں کہیں کوئی کوئی شعر اچھا لگا۔ ضیا محی الدین صاحب کا ’’کلاسیک اور کلا سکیت‘‘ پڑھ کر ذہن کی کئی گرہیں کھل گئیں اور شاید بار بار پڑھنے سے اور بھی کھلتی جائیں گی۔ نظموں میں مہندر پرتاپ چاند کی ’’رفیقۂ حیات کی مرگِ ناگہانی پر‘‘ اچھی لگی۔ اس بار کے شمارے میں خلیل طوق آر صاحب کا گوشہ سب سے زیادہ قابل ذکر رہا۔
فیصل عظیم (کینیڈا)
ادب پرور! گلزار جاوید صاحب، آداب و تسلیمات۔
تین روز قبل ’’چہارسو‘‘ چشم نواز ہوا۔ خوب دیکھا، سونگھا، پڑھا اور نفسِ معطر لگا ! ترکی کے مایہ ناز مجنونِ اردو حضرتِ خلیل طوق آر پر تمام نثری تحاریر اور آپ کا انٹرویو بے حد ادب افروز ہیں ! بھائی مراق مرزا کا میرے شعری مجموعے ’’دعا زمین پر‘‘ رضا کار مقالہ مومنانہ ہے جو مراق مرزا کی خوش ضمیری کا آئینہ دار ہے ! محترمہ سلطانہ مہر کا انٹرویو نما مضمون قیصر تمکین مرحوم کے بارے میں کھری کھری باتیں معلوماتی پیرائے میں سناتا ہوا مزے دار لگا! شعری حصے میں آصف ثاقب، امین راحت چغتائی، جمیل یوسف، غلام مرتضیٰ راہی، رؤف خیر، انوار فیروز، شبنم شکیل، غالب عرفان، جواز جعفری، شگفتہ نازلی، حفیظ انجم کریم نگری، کے غزلیہ اشعار شہرِ تخلیقیت کی طرف مائل بہ پرواز ہیں ! افسانوں میں بھی معروف و مضبوط نام دیکھائی دے رہے ہیں ! ’’ماتمِ صد آرزو‘‘ میں مہندر پرتاپ چاند صاحب نے اپنی اہلیہ کا ناگہانی وفات پر اپنے زخموں کو جذبات کا گلزار بنا دیا ہے ! آپ کا ناولٹ ’’فلم باقی ہے ابھی‘‘ زندگی کی ظاہریت و باطینت کی سحر کاری کا بہترین آئینہ دار ہے ! آپ نے ہماری بھابھی مرحومہ کو بہت خوبصورت انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے ! اللہ ربِ کریم کے حضور آپ کے لیے صبر اور اُن کے لیے سکون کی دعا کر رہا ہوں۔
پروین کمار اشک (پٹھان کوٹ، بھارت)
٭
مدیر گلزار جاوید کے تشکر کے ساتھ جنہوں نے اجازت کے ساتھ فائل بھی مہیا کی
ان پیج سے تبدیلی، پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
چہار سو
مدیر: گلزار جاوید
شمارے
مئی جون ۲۰۱۰
مسعود مفتی نمبر
٭٭٭٭٭٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)