دین و مذہب

’عکاس‘ کتابی سلسلہ، اسلام آباد، شمارہ ۱۵، مدیر ارشد خالد

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (53,510 الفاظ)

عکاس ادبی کتابی سلسلہ

عکاس انٹرنیشنل اسلام آباد، ایمسٹرڈیم کتاب نمبر10

مرتّب ارشد خالد

مجلس مشاورت

امین خیال (لاہور)
ناصر نظامی (ہالینڈ)
اکرام الحق سرشار (چیچہ وطنی)
مکان نمبر 1164، گلی نمبر 2، بلاک سی
نیشنل پولیس فاؤنڈیشن سیکٹر O-9۔ لوہی بھیر، اسلام آباد

اپنی بات

عکاس کا شمارہ نمبر ۱۰ پیش خدمت ہے۔ اس میں بہت سی نگارشات اپنی تخصیصی بنیاد پر توجہ حاصل کریں گی۔ یومِ عاشور کی مناسبت سے رثائی ادب کا ایک گوشہ دیا جا رہا ہے۔ جو ایمان کے ساتھ ادبی شان کا بھی حامل ہے۔ ایوب خاور ٹیلی ویژن کی تاریخ میں ایک زندہ رہنے والا نام ہے تاہم ان کی شعری تخلیقی صلاحیت کا کما حقہ ادراک و اعتراف نہیں کیا گیا۔ حلقۂ احباب نے رسمی طور پر تھوڑا بہت لکھ دیا لیکن بحیثیت شاعر ان کی تخلیقات کی قدرو قیمت کا اندازہ لگانے میں انقباض سے کام لیا گیا۔ اس بار ان کی شاعری کے حوالے سے خصوصی مطالعہ پیش کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ ادبی دنیا ایوب خاور کی شاعرانہ حیثیت کو پرکھنے کی طرف زیادہ توجہ کرے گی۔
حیدر قریشی کی گیارہ کتابوں کے مجموعہ’’ عمرِ لاحاصل کا حاصل‘‘ کے لیے بھی ایک گوشہ مخصوص کیا گیا ہے۔ اس کتاب کو توجہ کے ساتھ پڑھنے اور پھر اس پر لکھنے کے لیے ہمارے ناقدین اور قارئین کو خاصا وقت لگے گا۔ سرِ دست اس مجموعہ پر لکھے گئے چند مضامین یکجا کیے جا رہے ہیں۔ حیدر قریشی کی یادوں کا تازہ ترین باب، ادب میں پہلے سے موجود ’’خود وفاتیہ‘‘ کی روایت کے ذیل میں لایا جا سکتا ہے، تاہم اپنے منفرد ذاتی تجربے اور انداز نگارش کے باعث اسے بالکل الگ سے دیکھا جا سکتا ہے۔
ہالینڈ میں مقیم فاروق خالد کے سفر نامۂ ہند کا پہلا با ب قارئین کو پسند آئے گا۔ اسی طرح ہالینڈ کے ممتاز ماہیا نگار ناصر نظامی کی ماہیا نگاری پر امین خیال کا مضمون ان کے فن ماہیا نگاری کا احاطہ کرتا ہے۔ ندا فاضلی نے پہلی بار ماہیے کہے ہیں اور انہیں شائع کرنے کا اعزاز عکاس کو مل رہا ہے۔ احمد ہمیش نے ‘‘کہانی کا قضیہ‘‘ پیش کیا ہے۔ اس کے بین السطور پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ دوسرے افسانہ نگار بھی اس حوالے سے اپنا موقف پیش کر سکتے ہیں۔ دیگر مضامین اور افسانے بھی اپنی اپنی جگہ اہمیت کے حامل ہیں۔ شعری حصہ میں سینیئر اور مشّاق شعراء کے دوش بدوش نسبتاً نئے لکھنے والوں کو بھی مناسب جگہ دی گئی ہے۔
شمارہ نمبر ۹ ڈاکٹر گوپی چند نارنگ نمبر کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس پر ایک آدھ مخالفت کو چھوڑ کر زیادہ تر موافقت میں مضامین لکھے گئے۔ ادارہ عکاس کو جو تاثرات موصول ہوئے وہ الگ سے ہیں۔ اس سارے میٹر کو نئے سرے سے ترتیب دیا گیا ہے تو ۲۵۰ صفحات کی کتاب بن رہی ہے۔ نارنگ نمبر کی اشاعت کی جو وجہ اس نمبر میں بتائی جا چکی ہے، اگر وہی صور ت ایک بار پھر رونما ہوئی تو ہماری طرف سے ردِ عمل کی کتاب لانے میں زیادہ دیر نہ ہو گی۔ لیکن اگر دوسری طرف سے اب احتیاط کا دامن تھامے رکھا گیا تو ہمیں کسی سے غیر ضروری طور پر الجھاؤ کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ نہایت گندی زبان استعمال کرنے والے مضمون کے جواب میں ہم نے نہایت مدلل، موثر اور علمی رنگ کا نارنگ نمبر شائع کیا تھا۔ ویسی زبان استعمال کرنے والوں اور کرانے والوں کے لیے ہمارا ردِ عمل ہمیشہ علمی و ادبی وقار کے ساتھ ایسا ہی رہے گا۔

ارشد خالد

ڈاکٹر سیّد شبیہ الحسن (لاہور)

جدید اُردو مرثیہ (چند حقائق، چند معروضات)

شعر و ادب میں ایسے واقعات زیادہ اہم قرار پاتے ہیں جو انسان کی اجتماعی زندگی اور معاشرت پر براہ راست اثرانداز ہوتے ہیں۔ واقعۂ کربلا محض ایک تخئیلی داستان نہیں بلکہ اس واقعے میں معاشرت کرنے کے اعلیٰ اقدار مل جائیں گے۔ یہی سبب ہے کہ دوسرے تاریخی واقعات کی بہ نسبت واقعۂ کربلا نے انسانی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ حق گوئی، مظلومیت اور تمرّد کے خلاف جہاد کرنا، یہ ایسے اعلیٰ اقدار ہیں جنہوں نے نہ صرف یہ کہ معاشروں کو متاثر کیا بلکہ اس کے اثرات ادب و شعر پر بھی مرتسم ہوئے۔ (۱) یہی سبب ہے کہ اعلیٰ قدروں کی ترویج کے لئے کربلا کو استعارہ بنایا گیا (۲) اور ان استعاروں اور تلازموں سے نہایت عمدہ اور کارگر شہ پارے تخلیق کئے گئے۔ (۳، ۴)
معروف و غیر معروف ناقدین، محققین اور دانشوروں کی جانب سے بالعموم یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ واقعۂ کربلا نے مختلف اصنافِ شعر و ادب کو متاثر کیا، بطور ثبوت غزل، داستان، افسانہ، مثنوی، ناول، نظم، ناولٹ، سفر نامہ، رپورتاژ اور دیگر اصناف میں سے چیدہ چیدہ مثالیں پیش کی جاتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ واقعۂ کربلا نے محض شعر و ادب ہی کو متاثر نہیں کیا بلکہ اُردو شاعری کو متعدد اصناف سے مالا مال بھی کیا۔ آپ سلام، نوحہ اور مرثیہ کا بغور مطالعہ فرمائیے اور اس سوال کا کھوج لگائیے کہ کیا واقعہ کربلا کے بغیر ان اصناف کا ظہور میں آنا ممکن تھا؟؟ صنفِ مرثیہ وہ ممتاز صنف ہے، جس کا خمیر اسی برصغیر میں تیار ہوا اور یہی وہ صنف ہے کہ جس میں اُردو کے بیشتر اصناف کے محاسن کا جوہر مل جاتا ہے۔ (۵) اس اعتبار سے کہا جا سکتا ہے کہ مرثیے کی صنف کو برصغیر پاک و ہند سے جو خصوصیت ہے وہ کسی دوسری صنف کو حاصل نہیں ہے۔ اسی طرح کہا جا سکتا ہے کہ سلام و نوحہ بھی صنفِ مرثیہ کی توسیع ہیں۔
مرثیہ، سلام اور نوحے کے اصناف ہر عہد میں اس لئے مقبولِ خاص و عام رہے کہ ان میں زندگی کی اعلیٰ قدریں پیش کی جاتی رہیں اور اسی سبب سے ان کے ذریعے اعلیٰ تر معاشرتی رویّے ظاہر ہوئے۔ آج بھی مذکورہ اصناف میں واقعۂ کربلا کے حوالے سے زندگی بسر کرنے کے بہترین تصورات مل جائیں گے۔ (۶) واقعۂ کربلا کا یہ فیضان ہے کہ ا س نے ایک سطح پر تو انسان کا تعلق خدا سے اور دوسری سطح پر انسان کا تعلق اعلیٰ تر معاشرتی اقدار سے جوڑ دیا ہے۔ عصرِ حاضر میں ایسے شعراء کی ایک کثیر تعداد موجود ہے، جو ان اصناف کے حوالے سے معاشرے میں مثبت اقدار کو فروغ دینے میں مصروف ہے۔
لکھنو برصغیر کی تہذیب و ثقافت کا سب سے بڑا مرکز تھا، یہی سبب ہے کہ جملہ فنونِ لطیفہ یہاں اوجِ کمال تک پہنچے۔ نثر ہو یا شاعری، یہاں کے تخلیق کاروں نے ہر میدان میں اپنی صناعانہ تخلیقی ہنر مندیوں کا ثبوت دیا۔ فن کے اظہار کے لئے نئے نئے راستے تلاش کئے جانے لگے۔ (۷) خارجیت اور ڈرامائی عناصر کے امتزاج سے لکھنؤ میں ایک منفرد شعری فضا تشکیل پانے لگی۔ (۸) اسی صورتِ حال میں خارجیت، ڈرامائی عناصر اور واقعۂ کربلا کے مثلث نے صنفِ مرثیہ کا تخلیق نامہ مرتب کیا۔ برصغیر کی سرزمین کا طرزِ احساس اور اس کے تہذیبی اثرات نیز عرب کے تاریخی واقعات و عوامل انیس و دبیر کے مرثیوں میں یکجا ہو کر فن کی انتہائی بلندیوں کو چھونے لگے۔ ان دونوں حضرات نے مرثیے کے تخلیقی امکانات کو وسیع کیا(۹) اور اپنے بہترین افکار کو اپنے متنوع اسالیب میں پیش کر کے ہر عہد کے شعراء کو متاثر کیا۔ (۱۰) تا اینکہ یہ سلسلہ آج بھی جار ی ہے۔ انیس و دبیر نے برصغیر کے تہذیبی عناصر کو جس طرح اپنے مرثیوں میں محفوظ کیا تھا، اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ ان کے مرثیوں کے مطالعے سے ہم آج بھی برصغیر کی اسلامی تہذیب و ثقافت کا کھوج لگا سکتے ہیں۔ (۱۱)
بیسویں صدی میں ہندوستانی معاشرت پر طرح طرح کے بین الاقوامی سیاسی، سماجی، مذہبی اور معاشی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔ انیس و دبیر کا لکھنؤ زوال آمادہ تھا اور عظیم تہذیبی روایات دم توڑ رہی تھیں۔ تاہم بقول سیّد عاشور کاظمی :
‘‘۱۸۵۷ء کے بعد اودھ کی تہذیب کو مٹانے کی کوششوں کے باوجود لکھنو گہوارۂ علم و ادب تھا … میر انیس کا شہر لکھنو، رثائی ادب کا شہر لکھنو، تہذیبِ سیادت کا شہر لکھنو، وہ شہر جو دماغ وضع کرتا تھا۔ وہ شہر جو پتھروں کو دل بنا دیتا تھا۔ (۱۲)
دانش مند کہتے ہیں کہ جب چراغ بجھنے لگتا ہے تو اس کی لَو تیز ہو جاتی ہے۔ کچھ یہی صورتِ حال لکھنو میں بھی تھی کہ زوال آمادگی کے باوجود یہاں متداولہ علوم و فنون ترقی کر رہے تھے اور یہاں کی چمک دمک نوواردان کی آنکھوں کو خیرہ کر رہی تھی۔
بیسویں صدی کے آغاز ہی میں مختلف تاریخی، سیاسی، سماجی اور معاشی اسباب کی بنا پر برصغیر پاک و ہند کے معاشرے میں شکست و ریخت کے آثار ظاہر ہونے لگے تھے۔ اس حوالے سے پہلے ڈاکٹر سجاد باقر رضوی کی رائے ملاحظہ فرمائیے
‘‘…انگریز حاکم ہندوستان کی محکوم اور ‘‘وحشی’’ رعایا کو زیادہ سے زیادہ ‘‘متمدّن’’ بنانا چاہتے تھے تاکہ ان کا معیار زندگی اعلیٰ سطح پر آ جائے اور نتیجتاً وہ ان اشیائے تجارت کی کھپت کر سکیں جو انگلستان کی ملوں میں تیار ہوتی ہیں۔ ‘‘(۱۳)
اس معاشرتی بے کلی اور ٹوٹ پھوٹ کا نتیجہ یہ بر آمد ہوا کہ پورے معاشرے میں اب کیا ہو گا …؟؟؟ کے اندیشے پائے جانے لگے۔ اس صورت حال نے دوسرے دوائر کی طرح ادب کے دائرے کو بھی متاثر کیا۔ سر سید نے تہذیب الاخلاق کے اجرا سے اپنے تئیں معاشرے کو سدھار لیا جبکہ حالی نے مسدس مد و جزرِ اسلام لکھ کر تہذیب الاخلاق کی منظوم شرح کر کے سرسید سے حق دوستی ادا کر دیا۔ (۱۴) آپ اس دور کے شعر و ادب کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ گومگو اور پژ مردہ صورت حال کے سبب سے شعر و ادب میں ایک طرف تو مایوسی، اضمحلال اور تھکن کا لہجہ ظاہر ہوا اور دوسرے رخ پر اس کے ردِ عمل میں ایک تند و تیز، گھمبیر اور دبنگ لہجہ معرضِ وجود میں آ گیا۔ ان دونوں لہجوں کا مطالعہ کیجئے تو یہ ایک ہی جیسے حالات کا نتیجہ ثابت ہوں گے۔ اس زمانے میں سیاسی اور معاشی صورت حال کی وجہ سے شعر و ادب میں بھی ایک زبردست مزاحمت اور احتجاج کی کیفیت پیدا ہو رہی تھی(۱۵)۔ بیشتر اصناف اپنا اپنا چولا بدل رہے تھے۔ چنانچہ مرثیے نے بھی عصری مسائل کو جذب کیا۔ (۱۶)یہی سبب ہے کہ بیسویں صدی کے بیشتر مسائل آپ کو اس زمانے کے مرثیوں میں ضرور ملیں گے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر ہلال نقوی کی رائے بھی ملاحظہ فرما لیجئے :
‘‘… بیسویں صدی میں مرثیے کا نیا سفر برصغیر کے اس زوال پذیر معاشرے کی دہلیز سے شروع ہوتا ہے جس میں فیوڈل سسٹم کے نئے جال بنے جا رہے تھے اور انگریزوں کی حاکمیت اس خطے میں اپنے نظام فکر کے بیج بو رہی تھی۔ (۱۷)’’
بیسویں صدی کا سورج نئے نظریات و میلانات لے کر طلوع ہوا اور خصوصاً مغربی اصناف کے حوالے سے اُردو اصناف میں جدید افکار و نظریات کی ضرورت کا احساس پیدا ہونے لگا۔ (۱۸) مغربی تہذیب نے اپنی رنگارنگی کی وجہ سے اہلِ مشرق کی آنکھوں کو خیرہ کر دیا تھا۔ یہی سبب ہے کہ سوچ اور فکر کے مروجہ معیارات تبدیل ہونے لگے۔ پرانے پیمانے بوسیدہ قرار دیئے گئے اور اب نئے شعری پیمانوں میں جدید شراب کی ضرورت محسوس ہونے لگی۔ شعر و ادب کا تعلق فرد سے زیادہ معاشرے سے جوڑا جانے لگا اور اجتماعی لب و لہجہ کو اہمیت ملی۔ (۱۹) نتیجتاً قومی اور ملی شاعری کو عروج حاصل ہوا اور مذہبی مرثیوں کی جگہ قومی اور شخصی مرثیوں نے لے لی، اقبالؔ، نظم طباطبائی، صفی لکھنوی، ریاض خیرآبادی، اثر لکھنوی اور چکبست لکھنوی وغیرہ نے قومی اور ملی مرثیوں کے ذریعے ملت کو بیدار کرنے کی کامیاب کوشش کی۔ (۲۰) اس طرح مرثیے کا رشتہ قومی شاعری سے جڑ گیا۔ بعض ناقدین نے اس منظر نامے کے حوالے سے سطحی بنیاد پر یہ فیصلہ صادر کر دیا ہے کہ اس عہد میں ‘‘مذہبی مرثیہ’’ کو زوال آ گیا تھا (۲۱) مگر حقیقتاً ایسا نہیں ہے۔ (۲۲) اگر آپ بنظر غائر دیکھیں تو قومی اور ملی مرثیے بھی دراصل اسی روایتی مرثیے کا ایک جدید رُوپ ہیں۔ اب اس حوالے سے صرف دو بند ملاحظہ فرمائیے اور مذہبی مرثیے کا اثر شخصی اور ملی مرثیہ پر ملاحظہ کیجئے؎

علم کی سنجیدہ گفتاری، بڑھاپے کا شعور
دنیوی اعزاز کی شوکت، جوانی کا غرور
زندگی کی اوج گاہوں سے اتر آتے ہیں ہم
صحبت مادر میں طفلِ سادہ رہ جاتے ہیں ہم
بے تکلف خندہ زن ہیں، فکر سے آزاد ہیں
پھر اسی کھوئے ہوئے فردوس میں آباد ہیں
(علامہ اقبالؔ)

یہ جوش پاک زمانہ دبا نہیں سکتا
رگوں میں خوں کی حرارت مٹا نہیں سکتا
یہ آگ وہ ہے جو پانی بجھا نہیں سکتا
دلوں میں آ کے یہ ارمان جا نہیں سکتا
طلب فضول ہے کانٹے کی پھول کے بدلے
نہ لیں بہشت بھی ہم ‘‘ہوم رول’’ کے بدلے
(چکبستؔ لکھنوی)

بیسویں صدی کی دوسری دہائی میں پوری دنیا میں عموماً اور مختلف اسباب کی بناء پر ہندوستان میں خصوصاً اجتماعی شعور بیدار ہو رہا تھا۔ ایسے لائحہ عمل مرتب کئے جا رہے تھے، جن سے معاشرتی سطح پر انقلابی تبدیلیاں لائی جا سکیں۔ (۲۳) اس حوالے سے مظلوم دیسی عوام کے اوپر کئے گئے مظالم کو مختلف سطحوں پر پیش کر کے سامراجی استبداد اور ظالمانہ حیثیت کو خوب اُبھارا جا رہا تھا۔ ترقی پسند تحریک کے آغاز کے بعد عوام الناس میں ایک انقلابی رجحان پیدا کرنے کے لئے واقعہ کربلا اور حضرت امام حسین علیہ السلام کو ایک علامت کے طور پر پیش کیا جانے لگا تھا۔ (۲۴) اس روّیے کو مرثیہ گو شعراء بھی محسوس کر رہے تھے۔ (۲۵)دولہا صاحب عروج کے مرثیے کا یہ شعر اس عہد کے بدلتے ہوئے رجحانات و میلانات کی نمائندگی کرتا ہے؎
ظلمت کدے میں ہوں پہ تجلی پسند ہوں
میں ہوں عروجؔ کیوں نہ ترقی پسند ہوں
اس سیاسی، سماجی اور معاشرتی صورتِ حال کا اُردو مرثیے کی ہئیت پر تو زیادہ اثر نہ ہو سکا لیکن موضوعات اور مواد کے اعتبار سے اس میں دُور رس تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ خاص طور پر شہادتِ امام حسین علیہ السلام کے بعد کے حالات و واقعات کو بطورِ خاص مرثیوں میں جگہ دی جانے لگی اور پیغامِ امام عالی مقام کی تشہیر ہی اس کا بنیادی موضوع قرار پایا۔ (۲۶) اس سلسلے میں آلِ رضا، نجم آفندی، نسیم امروہوی، جمیل مظہری، علی سردار جعفری اور جوش ملیح آبادی نے جس طرح مرثیے کو مقصدی لے عطا کی اور اس صنف کو جدید عصری تقاضوں کے عین مطابق ڈھالنے کی کوشش کی، اس کی جتنی بھی مدح کی جائے کم ہے۔ آلِ رضا اور جمیل مظہری نے مرثیے کے مزاج و مذاق میں تبدیلی پیدا کرنے کی کوششیں کیں۔ (۲۷) جوش نے انفرادی طور پر مرثیے کو رولانے کی بجائے جگانے کا ہتھیار بنایا۔ (۲۸) نسیم امروہوی نے زبان و بیان کی نزاکتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مرثیے میں ہئیت کے کامیاب تجربے کئے۔ (۲۹) اس طرح ان قد آور مرثیہ نگاروں کی کاوشوں کے نتیجے میں مرثیے کو ایک مرتبہ پھر عروج حاصل ہوا اور فنی و فکری ہر لحاظ سے یہ صنف دوسرے وقیع اصناف کے مقابل آن کھڑی ہوئی۔ ان معروف مرثیہ نگاروں کے درج ذیل بندوں کا مطالعہ کیجئے اور دیکھیئے کہ اس زمانے میں مرثیہ کس طرح اپنے اندر عصری شعور کے سبب تبدیلی پیدا کر رہا تھا؎

اہلِ زمیں کی چاند ستاروں پہ ہے نظر
ممکن ہے کامیاب رہے چاند کا سفر
ہیں اپنی اپنی فکر میں ہر قوم کے بشر
مردانِ حق پرست کا جانا ہوا اگر

عباسؑ نامور کا علم لے کے جائیں گے
ہم چاند پر حسینؑ کا غم لے کے جائیں گے
(نجم آفندی)

اے قوم وہی پھر ہے تباہی کا زمانہ
اسلام ہے پھر تیر حوادث کا نشانہ
کیوں چُپ ہے اسی شان سے پھر چھیڑ ترانہ
تاریخ میں رہ جائے گا مردوں کا فسانہ

مٹتے ہوئے اسلام کا پھر نام جلی ہو
لازم ہے کہ ہر فرد حسینؑ ابنِ علیؑ ہو
(جوشؔ ملیح آبادی)

حضرت نے کہا کہ رونے والو!
اب چپ رہو دل ذرا سنبھالو
اشکوں کا وفور ہو تو ٹالو
ہمت سے یہ بارِ غم اُٹھا لو
پیغامِ مشیّت آ گیا ہے
ہنگامِ وصیّت آ گیا ہے
(نسیم ؔ امروہوی)

ان جدید مرثیہ نگاروں کا لگایا ہوا تخم ثمر دار ہوا اور بہت سے ایسے مرثیہ نگار ظاہر ہوئے جنہوں نے اپنے افکار عالیات کے ذریعے اس صنف کو مالا مال کیا۔ یہی سبب ہے کہ اس دور میں ہر قابلِ قدر شاعر نے صنفِ مرثیہ میں طبع آزمائی کی۔ ان شعراء میں قمر ؔ جلالوی، شوکتؔ تھانوی، علامہ محسن اعظم گڑھی، ڈاکٹر یاور عباسؔ، راجہؔ صاحب محمود آباد، عزمؔ جونپوری، رئیسؔ امروہوی، راغبؔ مراد آبادی، ڈاکٹر صفدرؔ حسین، کرار نوریؔ اور فیض احمد فیضؔ کے اسمائے گرامی بطور خاص اہمیت کے حامل ہیں۔
موجودہ دور ذہنی و فکری انتشار کا دور ہے۔ جب معاشرے میں منتشر قوتیں فروغ پا رہی ہوں تو انسان اپنے اندر سمٹنا شروع کر دیتا ہے۔ چیزوں میں اختصار کی ضرورت محسوس ہونے لگتی ہے اور اصنافِ شعر بھی مختصر سے مختصر ترین ہوتے چلے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ معاشی مسائل، سماجی حالات اور اندرونی بے چینیاں بھی انسان کو بے کل کر دیتی ہیں۔ اب قارئین ان اصنافِ ادب و شعر کو اہمیت دیتے ہیں، جو ان کے عصری مسائل سے ہم آہنگ ہوں اور ان کے مسائل کا تسلی بخش حل پیش کر سکیں۔ مرثیہ بھی ان عمرانی حالات سے دوچار ہوا مگر اپنے مزاج کے سبب اس صنف نے جلد ہی عمرانی تقاضوں کو سمجھا اور اپنے اندر تبدیلیوں کی اجازت دے دی۔ (۳۰) نتیجتاً موجودہ مرثیہ نگاروں نے مرثیے میں جدید نفسیاتی، سماجی اور سیاسی مسائل کو نہ صرف یہ کہ پیش کیا بلکہ ان کے حل کے لئے نسخے بھی تجویز فرمائے۔ عہدِ جدید میں صباؔ اکبر آبادی، شاہدؔ نقوی، سہیلؔ بنارسی، شائقؔ زیدی، ساحر لکھنوی ؔ، ڈاکٹر عاصی کرنالی، خیال امروہوی، مظفر نقوی، سردارؔ نقوی، ظہوؔ جارچوی، وحیدالحسنؔ ہاشمی، سیفؔ زلفی، عبدالرؤف عروجؔ، افسر عباسؔ زیدی، ظفر شاربؔ، اثرؔ ترابی، حسن عسکریؔ کاظمی، اثرؔ جلیلی، سید فیضیؔ، ہلالؔ نقوی، امیدؔ فاضلی، قسیم ؔ امروہوی، اسیرؔ فیض آبادی، شیداؔ حسن زیدی، میر رضیؔ میر، عارفؔ امام، احمد نویدؔ، کوثرؔ امروہوی، عرفی ہاشمی، علی رضا کاظمی، حشمت علی قنبر، طاہر ناصر علی وغیرہ کے مرثیوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ ان شعراء نے فنی اور فکری سطح پر مرثیے کو عہد جدید سے پیوست کر دیا ہے۔ (۳۱) بیسویں صدی کے آخر میں جس شاعر نے مرثیے میں فکر انگیز اور اجتہادی تبدیلیاں کیں اور اسے مقبولِ خاص و عام بنایا (۳۲) وہ قیصرؔ بارہوی تھے۔ انہوں نے مرثیے کو واقعۂ کربلا کی خیرہ کر دینے والی روشنی میں ایک عالی شان فتح کا نقارہ بنا دیا ہے؎

کربلا جس کی بلندی ہے وہ مینارہ ہے مرثیہ سب سے بڑی فتح کا نقارہ ہے

عصرِ حاضر کے انحطاط پذیر معاشرے میں اخلاقی قدروں کی آبیاری کرنا کسی جہاد سے کم نہیں ہے۔ مخرب اخلاق رسوم و رواج نے لوگوں کو ذہنی طور پر ماؤف بلکہ مفلوج کر دیا ہے۔ افراد معاشرے اور معاشرہ فرد سے لاتعلق ہو کر رہ گیا ہے۔ یہ صورتِ حال ہمارے دور میں اِس لیے مزید لائق توجہ ہو گئی ہے کہ اب عوام الناس کا ادب اور ادیبوں سے اعتبار اُٹھتا جا رہا ہے۔ ایک عام تاثر یہ ہے کہ ہمارا شعر و ادب معاشرتی تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہے لہٰذا اس کا مطالعہ اپنے قیمتی وقت کا ضیاع ہے۔ اس طرزِ احساس کا اثر ہمارے مرثیہ نگاروں پر بھی ہوا ہے۔ ایک جدید مرثیہ نگار کے درج ذیل پانچ بندوں کا مطالعہ فرمائیے اور بدلتے ہوئے ادبی حالات اور قوانین کا ذہنی بصیرت و بصارت سے تجزیہ فرمائیے :

سائنس کا ادیب نے دیکھا جو ارتقا
ٹیکنالوجی کو اپنا مقابل سمجھ لیا
یوں کشمکش کی زد میں ادب کا سفر ہوا
آندھی سے شب کی جنگ ہوئی بجھ گیا دیا
کل جو ادب تھا ابرِ گہر بار کی طرح
اب بانجھ ہے لُٹے ہوئے بازار کی طرح

بتلائیں جو ہیں آج کی دنیا سے بے خبر
وہ کیا ہے جس کو کہتے ہیں تخلیق کا سفر
ہٹ جائے راستے سے تو یوں ہے وہ راہبر
جس طرح کور چشم کی سورج پہ ہو نظر
اِک داغ ہے وہ دامنِ افکار کے لیے
تخلیق جس ادب کی ہو بازار کے لیے

دلچسپ کس قدر ہے تماشائے زندگی
راہِ عمل سے کٹ کے کہاں جائے زندگی
ایسے ادب سے خود کو جو بہلائے زندگی
عبرت کے مدفنوں میں نظر آئے زندگی
کیا زندگی کا ایسے ادب سے نباہ ہو
فٹ پاتھ جس کی آخری آرام گاہ ہو

ایسا ادب کہ جس میں پیامِ عمل نہ ہو
دامن میں مسئلے ہوں مگر ان کا حل نہ ہو
تاریک جس کی آج ہو، تابندہ کل نہ ہو
کس طرح اس کی تاک میں دیوِ اجل نہ ہو
اس زیست کو اجل کی ضرورت شدید ہے
کاہل کی موت قوم کے حق میں مفید ہے

جب منزلِ عمل سے ہوا دُور یہ ادب
ہر زاویے سے ہو گیا مقہور یہ ادب
بھٹکے ہوئے شعور کا منشور یہ ادب
اُجرت عذابِ زیست ہے مزدور یہ ادب
اُجڑا ہوا ہے مصر کے بازار کی طرح
تاریک ہے یزید کے کردار کی طرح
(سیّد عرفی ہاشمی)

دانش مندوں کا کہنا ہے کہ اب یہ وسیع و عریض دنیا گلوبل ولیج اور گلوبل ہٹ سے سمٹتی ہوئی آنکھ کی پتلی میں سما گئی ہے۔ اس صورتِ حال میں ہمارے ادب اور خصوصاً مرثیے کو بین الاقوامی صورتِ حال کے مطابق ہونا چاہیے۔ اب ہماری زندگی کا مدار تبدیل ہو رہا ہے۔ اخلاقیات کی سرحدیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ معیشت کا جن بوتل سے باہر نکل آیا ہے اور ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقیوں نے انسانی ذہن کے معیارات کو مسمار کرنا شروع کر دیا ہے۔ آئیے ایک نوخیز مرثیہ نگار کے خیالات سے آپ کو آگاہ کر دوں :
‘‘اس حقیقت سے انحراف ممکن نہیں کہ عالمی ادب، پاکستانی ادب اور پاکستانی ادب میں رثائی ادب کے قارئین کی تعداد روز بروز کم ہو رہی ہے۔ مجھے اس امر کا بخوبی احساس ہے کہ ہمارے تہذیبی تشخص کی بنیاد اب شعر و ادب پر نہیں بلکہ معیشت اور ٹیکنالوجی پر استوار ہے۔ یہی سبب ہے کہ ایک طرف بین الاقوامی، قومی اور علاقائی کلچر اور دوسری جانب شخصیت کو تشکیل دینے والے بنیادی رجحانات کے پیچھے بھی یہی دو عوامل کارفرما نظر آتے ہیں۔ نوّے فیصد سے زیادہ افراد پہلے ہی اس بات پر قائل ہیں کہ معیشت و ٹیکنالوجی سے تعلق خاطر نہ رکھنے پر انہیں سماجی حیثیت اور مادی فوائد کے حصول میں شدید رکاوٹیں درپیش ہیں۔ اب سوچنا یہ ہے کہ پاکستانی ادب اور پاکستانی ادب میں رثائی ادب کس کے لیے تخلیق کیا جائے؟ ‘‘ادب برائے زندگی’’ کا فلسفہ اچھا ہے مگر روزمرہ کاروبارِ حیات میں کہیں اس کی عملی شکل نظر نہیں آتی۔ ‘‘ادب برائے ادب’’ کا نظریہ بھی مشکل سے دوچار ہے کہ قارئین آپ کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں اور نئی نسل ان کے اس عمل کو احسن گردان رہی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس صورتحال میں ہم ‘‘ادب برائے ادیب ‘‘کے نظریے کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔ ‘‘(۳۳)
اس صورتِ حال میں ہمارے سامنے مرثیہ کا مستقبل کیا ہے؟؟؟ کیا ہم محض انیس و دبیر یا کلاسیکی مرثیوں کے ذخیرہ کی بنیاد پر اکیسویں صدی کا سفر مکمل کر کے بائیسویں صدی میں عزت و احترام سے داخل ہو جائیں گے؟؟ یا ہمیں صنف مرثیہ کے مزاج و مذاق میں شعوری طور پر کچھ تبدیلیاں لانا ہوں گی؟؟ اس سلسلے میں میرا واضح اور دو ٹوک مؤقف یہ ہے کہ ہمیں اجداد کے ورثے کا تحفظ کرتے ہوئے مرثیے میں جدید موضوعات کو ضرور شامل کرنا چاہیے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ مرثیے کی ہم عصر اصناف میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو بھی بغور دیکھنا چاہیے۔ اس سلسلے میں راقم الحروف چند تجاویز پیش کرنے کی جسارت کر رہا ہے۔ اُمید ہے کہ ناقدین، محققین اور دانش جُو حضرات ان تجاویز پر غور فرمائیں گے۔

۱۔ مرثیے کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور اس میں ایسے موضوعات کو بطورِ خاص شامل کیا جائے جو اکیسویں صدی بلکہ بائیسویں صدی کے عین مطابق ہوں۔
۲۔ جدید اور قدیم مرثیوں کی اشاعت کا اہتمام کیا جائے اور مرثیوں کے متون کی صحت کا بطور خاص خیال رکھا جائے تاکہ یہ عظیم ورثہ تلف ہونے سے محفوظ ہو جائے اور درست متن قارئین تک پہنچ سکے۔
۳۔ مرثیہ کے تحفظ اور فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ مرثیہ اور مرثیہ نگاروں کے نام سے ویب سائیٹ بنائی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے مستفید ہوں۔
۴۔ میڈیا کے ذریعہ سامعین اور ناظرین کو مرثیہ کی افادیت سے آگاہ کیا جائے اور مرثیوں میں موجود جدید رویوں کو اُجاگر کیا جائے۔
۵۔ مرثیہ کے حوالے سے تعلیمی درس گاہوں اور خصوصاً یونیورسٹیوں میں، مذاکرے، سیمینارز اور سمپوزیم کا اہتمام کیا جائے۔
۶۔ معروف محققین، ناقدین اور دانشوروں سے استدعا کی جائے کہ وہ اس صنف کے حوالے سے اپنے گراں قدر خیالات تحریری شکل میں پیش فرمائیں۔
۷۔ مرثیہ کا مشرقی و مغربی اصناف سے موازنہ کیا جائے اور اس کے اختصاصی پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے۔
۸۔ نصاب سازی کے وقت مرثیوں کے مختلف اجزا شامل کیے جائیں اور ایم۔ اے کی سطح پر مکمل مرثیے کا مطالعہ لازم قرار دیا جائے۔
۹۔ مرثیہ کے حوالے سے کیے گئے اعتراضات کا بغور مطالعہ کیا جائے اور ان کے تشفی بخش جوابات مرتب کیے جائیں۔
۱۰۔ مرثیہ کو صرف مسدس کی ہیئت کے ساتھ مخصوص نہ کیا جائے بلکہ اسے مرثیہ نگار پر چھوڑ دیا جائے کہ وہ اپنی پسند کی ہیئت اختیار کرے۔
۱۱۔ مرثیہ کو زندہ رکھنے کے لیے نئے سامعین اور نئے قارئین پیدا کرنے کے لیے جست و خیز کی جائے۔
۱۲۔ جدید ذہن کے حامل نوجوان شعرا کو صنفِ مرثیہ کی جانب متوجہ کرنا ضروری ہے کہ اب اس قدیم صنف کو تازہ لہو کی بے حد ضرورت ہے۔
۱۳۔ ایسی محافل اور مجالس کا اہتمام کرنا بھی ضروری ہے جس میں صرف اور صرف کلاسیکی اور جدید مرثیے پڑھے جائیں تاکہ سامعین میں مرثیے کی سماعت کا ذوق بیدار ہو جائے۔
۱۴۔ مرثیہ خوانی کے فن کو تر و تازہ رکھنے کے لیے بزرگوں کی ہدایات کی روشنی میں نوجوانوں کو آمادہ کرنا چاہیے۔
۱۵۔ معروف مرثیہ نگاروں کو جدید موضوعات یا صورتِ حالات دے کر ان سے مرثیہ لکھنے کی استدعا کی جائے تاکہ موضوعاتی مرثیوں کو فروغ حاصل ہو۔
۱۶۔ معروف مرثیہ نگاروں کے نام سے ایوارڈز کا اجرا کیا جائے۔ عصرِ حاضر کے بزرگ مرثیہ نگاروں کے اعزاز میں تقاریب کا اہتمام کیا جائے اور ان کی ہر ممکن دلجوئی کی جائے۔
۱۷۔ مرثیہ کو کسی فرقے یا مذہبی گروہ سے متعلق نہ کیا جائے بلکہ ہر مذہب اور مسلک کے شاعروں کو اس صنف کی جانب متوجہ کیا جائے۔
۱۸۔ اردو کے علاوہ دوسری زبانوں کے شعرا کو بھی آمادہ کیا جائے کہ وہ اپنی مادری یا قومی زبان میں مرثیے لکھیں۔
۱۹۔ اُردو کے معروف و مقبول مرثیوں کے مختلف زبانوں میں تراجم شائع کیے جائیں تاکہ دوسری زبانوں سے آشنا لوگ بھی اس صنف سے کماحقہ، استفادہ کر سکیں۔
۲۰۔ حکومت پر زور دیا جائے کہ وہ صنفِ مرثیہ کے لیے علیحدہ سرکاری ایوارڈ کا اعلان کرے۔ اہم مرثیہ نگاروں کے نام سے ٹکٹ جاری کرے اور بڑی بڑی شاہراہوں کے نام اہم مرثیہ نگاروں کے ناموں سے منسوب کرے۔
۲۱۔ بیرون ملک یونیورسٹیوں میں انیس اور دبیر کے نام سے چیئرز کا اعلان کیا جائے تاکہ وہاں کے طلبہ و طالبات بھی مرثیہ نگاروں سے آگاہ ہو سکیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اکیسویں صدی میں مرثیہ زندہ رہے گا؟؟ اس کا سادہ اور آسان جواب تو یہ ہے کہ جب تک حق و باطل کی آویزش جاری رہے گی اس صنف کا ارتقائی سفر اسی آب و تاب سے جاری رہے گا۔ اگر بنظرِ غائر دیکھیں تو صنفِ مرثیہ میں مزاج اور ہئیت کے اعتبار سے اتنی تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں کہ وہ اکیسویں صدی کے تقاضوں سے عہدہ برا ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لہٰذا وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ صنفِ مرثیہ کا مستقبل انتہائی روشن اور تابناک ہے۔ اب چلتے چلتے حضرتِ قیصر بارہوی کے مرثیے ’عظمتِ فن‘ کا ایک بند ملاحظہ فرمائیے :
پڑھ لیجیے عبارتِ ایوانِ مرثیہ
تزئینِ قصرِ علم ہیں ارکانِ مرثیہ
قائل ہوئے صفات نگارانِ مرثیہ
صورت گرِ ادب ہے دبستانِ مرثیہ
بے داغ زندگی کی طلب مرثیے میں ہے
انسانیت کا سارا ادب مرثیے میں ہے
٭٭٭

(۱) مجتبیٰ حسین ‘ پروفیسر ’’مرثیہ اور عہد جدید‘‘ مشمولہ جدید مرثیہ نگاری از سید وحیدالحسن ہاشمی ‘ لاہور‘ مکتبہ تعمیر انسانیت‘ ۱۹۶۷ء ‘ص ۱۸۴
(۲) گوپی چند نارنگ، سانحہ کربلا بطور شعر ی استعارہ، لاہور، سنگ میل پبلی کیشنز، ۱۹۹۱ء، ص ۲۰
(۳) محمد حسن، ڈاکٹر ’’ادبی سماجیات کے نقطۂ نظر سے مرثیے کا مطالعہ‘‘ سہ ماہی ’’رثائی ادب‘‘ کراچی، اپریل ۲۰۰۲ء، ص ۱۱
(۴) سلیم اختر‘ ڈاکٹر ’’وحیدالحسن ہاشمی کے مرثیے‘‘ مشمولہ ’’العطش ‘‘ (جلد سوم)، لاہور، الحبیب پبلی کیشنز، ۱۹۹۸ء، ص ۲۳۵
(۵) خواجہ محمد زکریا‘ ڈاکٹر، قدیم نظمیں، لاہور، بک ورلڈ، ۱۹۶۴ء، ص ۲۷۱
(۶) سجاد باقر رضوی، ڈاکٹر، معروضات، لاہور، پولیمر پبلی کیشنز، ۱۹۸۸ء، ۳۷
(۷) صفدر حسین، سید، ڈاکٹر، مرثیہ بعدانیس، لاہور، سنگ میل پبلی کیشنز، ۱۹۷۱ء، ص ۲۳۔
(۸) عابد علی عابدؔ (دیباچہ)، موازنۂ انیسؔ و دبیرؔ، لاہور، مجلس ترقی ادب، سن۔ ن، ص ۶۔
(۹) احتشام حسین (مقدمہ)، مراثی انیس میں ڈرامائی عناصر، لکھنؤ : نسیم بکڈپو، ۱۹۵۹ء، ص ۷
(۱۰) شجاعت علی سندیلوی، تعارفِ مرثیہ، الہ آباد، ادارہ انیس اردو، ۱۹۵۹ء، ص ۴۴۔
(۱۱) سجاد باقر رضوی، ڈاکٹر، معروضات، لاہور، پولیمر پبلی کیشنز، ۱۹۸۹ء، ص ۳۷۔
(۱۲) عاشور کاظمی، سید اردو مرثیے کا سفر دہلی : ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس، ۲۰۰۶ء، ص ۶۰۰۔
(۱۳) سجاد باقر رضوی، ڈاکٹر، معروضات، لاہور : پولیمر پبلی کیشنز، ۱۹۹۸ء، ص ۲۲۔
(۱۴) عبداللہ، سید، ڈاکٹر، وجہی سے عبدالحق تک، لاہور : خیابان ادب، ۱۹۷۷ء، (طبع دوم)، ص ۱۱۵
(۱۵) احراز نقوی، ڈاکٹر، انیس ایک مطالعہ، لاہور : مکتبہ میری لائبریری، ۱۹۸۲ء، ص ۲۳
(۱۶) محمد حسن، ڈاکٹر، ‘’ادبی سماجیات کے نقطۂ نظر سے مرثیے کا مطالعہ’‘ مشمولہ رثائی ادب، کراچی، اپریل ۲۰۰۲ء، ص ۲۳
(۱۷) ہلال نقوی، ڈاکٹر ‘’بیسویں صدی اور جدید مرثیہ’‘ کراچی، محمدی ٹرسٹ، ۱۹۹۴ء، ص ۷
(۱۸) طاہر حسین کاظمی، ڈاکٹر، اُردو مرثیہ میر انیس کے بعد، دہلی : ایرانین آرٹ پرنٹرز،
۱۹۹۷ء، ص ۱۰۵
(۱۹) احراز نقوی، ڈاکٹر، جدید فنِ مرثیہ نگاری، مرتبہ : وحیدالحسن ہاشمی، لاہور، مکتبہ تعمیر ادب،
۱۹۶۷ء، ص ۲۱۲
(۲۰) محمد رضا کاظمی، جدید اُردو مرثیہ، کراچی، مکتبہ ادب ۱۹۸۱ء، ص ۱۳۔
(۲۱) شجاعت علی سندیلوی، تعارف مرثیہ، الہ آباد، ادارہ انیس اُردو، ۱۹۵۹ء، ص ۷۰
(۲۲) اسد اریب، ڈاکٹر، اُردو مرثیے کی سرگزشت، لاہور : کاروانِ ادب، ۱۹۸۹ء، ص ۸۴۔ ۸۹
(۲۳) حامد حسن قادری، مختصر تاریخ مرثیہ گوئی، کراچی، اردو اکیڈمی سندھ، ۱۹۶۴ء، ص ۱۰۰
(۲۴) شجاعت علی سندیلوی، تعارفِ مرثیہ، الہ آباد، ادارۂ انیس اُردو، ۱۹۵۹ء، ص ۸۶
(۲۵) محمد رضا کاظمی، جدید اُردو مرثیہ کراچی : مکتبۂ ادب، ۱۹۸۱ء، ص ۸۶
(۲۶) ضمیر اختر نقوی (مرتب)، جو ش کے مرثیے، کراچی، ادارۂ فیض ادب، ۱۹۸۰ء، ص ۲۲
(۲۷) کرار حسین، پروفیسر (پیش لفظ)، مراثی آلِ رضا، کراچی، خراسان اسلامک ریسرچ سنٹر، ۱۹۸۱ء، ص ‘’م،
(۲۸) عاشور کاظمی، سید اُردو مرثیے کا سفر دہلی : ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس، ۲۰۰۶ء، ص ۴۵۴
(۲۹) اسد اریب، ڈاکٹر، اردو مرثیے کی سرگزشت، لاہور، کاروانِ ادب، ۱۹۸۹ء، ص ۱۰۱
(۳۰) صفدر حسین، سید، ڈاکٹر، مرثیہ بعد انیس، لاہور، سنگ میل پبلی کیشنز، ۱۹۷۱ء، ص ۱۷۴
(۳۱) اسد اریب، ڈاکٹر، اُردو مرثیے کی سرگزشت، لاہور : کاروانِ ادب، ۱۹۸۹ء، ص ۸۵
(۳۲) ہلال نقوی، ڈاکٹر (مقدمہ)، لہو لہو کہکشاں، کراچی، ادارہ تقدیس قلم، ۱۹۸۹ء، ص ۲۹
(۳۳) عرفی ہاشمی، بُجھے چراغوں کی روشنی (مرثیے)، لاہور: الحسن پبلی کیشنز، ۲۰۰۵ء، ص ۹
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

ڈاکٹر سیّد شبیہ الحسن کی تحقیق و تنقید کا نقطہ مرکزی اور مرغوب موضوع مرثیہ اور مرثیہ گو شعرا رہا ہے، خاص طور پر جدید مرثیہ گو شعراء۔ مرثیے کی تحقیق و تنقید ڈاکٹر شبیہ کا امتیاز یوں ٹھہرتی ہے کہ رثائی ادب کے سلسلے میں اُن کی اب تک شائع ہونے والی کُتب میں نصف کے قریب مرثیے کی تدوین، تحقیق، تفہیم اور تفسیر سے متعلق ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے متعدد امکانی موضوعات پر مباحث کے در وا کیے ہیں۔ انہوں نے لکیر کو نہیں پیٹا بلکہ ایسا فکری موقف اختیار کیا ہے جو مرثیے کے کئی نئے زاویے سامنے لاتا ہے یوں مرثیے کی تفہیم اور اس کے فنی پہلوؤں کو مزید نکھارا ہے۔ (محمد شفیع بلوچ کے مضمون رثائی ادب کا ابن خلدون ڈاکٹر سیّد شبیہ الحسن سے اقتباس
مطبوعہ عکاس انٹرنیشنل اسلام آباد محرم الحرام نمبر۔ جنوری ۲۰۰۹ء۔ ص ۲۵)
٭٭٭

اردو ادب میں مرثیے اور سلام کی حیثیت

تسلیم الہیٰ زلفیؔ ( کینیڈا)

سانحۂ کربلا کے حوالے سے اُردو زبان میں مرثیہ اور سلام ایک ایسی صنفِ ادب بن گئی ہے جو کسی دوسری زبان میں نہیں پائی جاتی۔ میر انیسؔ اور دبیرؔ نے اُردو مرثیے اور سلام کو جس بلندی پر پہنچایا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔
ہر صنفِ ادب میں وقت کے ساتھ نِت نئی تبدیلیاں رُو نما ہوئیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔ لہذا دیکھنا یہ ہے کہ مرثیے اور سلام میں کس قسم کی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ اور جدید مرثیہ اور سلام کیا ہے۔ مرثیے اور سلام کو فکری بنیادوں آگے بڑھانے والے کون ہیں۔ اور مرثیے اور سلام کی ہیئت کی تبدیلیوں سے کیا صورتِ حال بنی ہے۔
کسی بھی صِنفِ ادب کے فروغ کتابیں، رسائل اور ناقدین اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہم دیکھتے ہیں کہ مرثیہ اور سلام ایک مقبول صِنفِ ادب ہونے کے باوجود امام بار گاہوں تک محدود کر دی گئی ہے۔ ادبی رسائل میں مراثی اور سلام شامل نہیں کئے جاتے ہیں۔ مختلف شعراء کے مرثیوں اور سلام کے مجموعے شائع ضرور ہوتے ہیں لیکن اُن کی تشہیر دیگر ادبی کتابوں کی صورت نہیں ہوتی۔ جبکہ ہمارے بیشتر ناقدین اس جانب متوّجّہ نہیں ہوتے۔ ان کی لا تعلقی کے اسباب کیا ہیں۔ ۔ اور یہ کہ مرثیے اور سلام کی ادب میں کیا حیثیت ہے ؟
ادب کوئی ایسی مُجرّد حقیقت نہیں ہے کہ وہ مُعلّق فضاء میں لکھا جائے۔ پچھلے ڈیڑھ دو سو برس میں ہمارے معاشرے میں تہذیبی اور سیاسی انداز کی جو تبدیلیاں آئی ہیں اس سے مرثیے اور سلام کی صِنف بھی متاثر ہوئی۔ اگر آپ میر انیسؔ کے بعد کا زمانہ لیں تو جدید مرثیے اور سلام کا تصور جوش ؔ صاحب سے قائم ہُوا۔ برِّ صغیر کی جنگِ آزادی لڑی جا رہی تھی اور جوشؔ صاحب نے کربلا کو اُس آزادی کے رشتے سے ہم آہنگ کر کے جو مرثیے اور سلام لکھے۔ ۔ وہاں سے جدید مرثیے اور سلام کا تصوّر قائم ہُو۔ اُس سے بہت پہلے ہم اقبالؔ کی شاعری کی طرف متوجّہ ہوتے ہیں تو ‘ رموزِ بے خودی’ سے سلسلہ شروع ہوتا ہے۔ ۱۹۱۸ ؁ میں ‘ رموزِ بے خودی’ شائع ہوئی ہے۔ سلیم چِشتی نے ‘رموزِ بے خودی’ کی شرح لکھی ہے، انہوں نے لکھا ہے کہ، میں نے علاّمہ اقبال سے پوچھا کہ آپ فرماتے ہیں

ذاتشِ اُو شعلہ ہا اندوختیم رَمزِ قرآں از حُسین ؓ آموختیم

تو ‘ رمزِ قرآں’ سے کیا مُراد لیتے ہیں۔ تو انہوں نے جواب دیا کہ تعلیماتِ قرآن کی روح یہ ہے کہ باطل کے خلاف صف آراء ہو جاؤ۔ اِس تناظر میں جوشؔ صاحب نے پہلا مرثیہ ‘آوازِ حق’ لکھا۔ اُس سے ایک جدید مرثیے کا تصوّر سامنے آیا۔ ۔ اگر ہم عہدِ انیسؔ کا مرثیہ یا سلام پڑھتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کوئی اہم واقعہ رُو نما ہُوا ہے۔ میر انیسؔ کا یہ شعر دیکھئے۔ ۔ ۔ ۔ ؎

آج شبّیرؓ پہ کیا عالمِ تنہائی ہے
ظلم کی گلشنِ زِہرہؓ پہ گھٹا چھائی ہے
لیکن آج کا مرثیہ یا سلام پڑھتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کوئی عظیم واقعہ رُو نما ہُوا ہو۔ کہا جاتا ہے کہ اُس دَور کا مرثیہ ایک خبر تھا، جبکہ آج کا مرثیہ تجزیہ ہے۔ اُس مرثیے میں حالات کی جنگ ہے، جبکہ آج کے مرثیے میں نظریات کی جنگ ہے۔ جوشؔ صاحب سیدّنا حسینؓ کے کردار کو انسانی حوالے سے دیکھتے ہیں، ا ور اُسی پر زیادہ زور دیتے ہیں ملاحظہ ہو۔ ۔ ۔ ۔ ؎
دل بھی جھُکتا جاتا تھا سجدے میں پیشانی کے ساتھ
کیا نمازِ شاہ تھی ا رکانِ ایمانی کے ساتھ
ماضی میں جو مرثیے لکھے گئے ان کی تعریف آسان ہے۔ اُن میں ایک سراپا ہے، آمد ہے، رَجَز ہے، رخصت ہے، یہ سب باتیں آتی ہیں۔ مگر آج کا مرثیہ کسی بھی لکھا تھا یہ اُن مرثیوں کے سیاسی محرّکات ہیں اور جوشؔ ہی اُس سیاسی جد و جہد کو مرثیے سے منسلک کرتے ہیں۔

آپ یہ دیکھیں کہ جتنی نظم نگاری میں سیاسی شاعری ہوئی ہے، اُسی قدر مرثیے میں سیاسی فکر نمایاں ہوئی ہے۔ اِس ضمن میں بعض اہلِ فن کا کہنا ہے کہ مرثیے کو صرف مسدّس ہی میں لکھا جانا چاہیے، تو بہت پہلے علاّمہ جمیل مظہری اور حاضر میں ڈاکٹر ہِلال نقوی نے مسدّس کی فارم سے بہت ہٹ کر مرثیے لکھے ہیں۔ دیکھیے ہِلالؔ نقوی کا انداز۔ ۔ ۔ ۔ ؎
تڑپ کے اُٹھ نہ کھڑے ہوں قتیلِ راہِ وفا
پُکارتا ہے کوئی کربلا کی بستی میں
سَمت کا تعیّن نہیں کرتا۔ جوشؔ صاحب اپنے مرثیے کو آزادی کی تحریک سے مِلا دیتے ہیں۔ جبکہ علاّمہ جمیل مظہری کے یہاں فلسفیانہ رنگ ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؎

کیوں کہوں کہ راہِ حق میں مظہریؔ دریا نہ تھا
بھیک جو دریا سے لے، اتنا کوئی پیاسا نہ تھا
لیکن نسیم ؔ امروہوی کے یہاں بالعموم دینی اِستدلال مِلتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ؎

عشقِ خدا کا بار، نہ کہسار سے اُٹھا
افلاک سے نہ عرشِ ضیاء بار سے اُٹھا
یہ کیا نہ انتہائے خوش اطوار سے اُٹھا
حُسینِؓ بے کسَ و بے یار سے اُٹھا
رُخ زَر د آدم و مَلَک و جِن کا ہو گیا
یہ ہو گئے خدا کے، خدا اِن کا ہو گیا
اور آلِ رضاء کے اعتقاد و ایمان کے یہ تیور ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؎

لغزشیں ہم سے بھی ہوتی ہیں، مگر واہ رے ہم
یا علیؓ کہہ کے سنبھلنے میں مزا آتا ہے
آج کے مرثیہ و سلام نگار بالکل مختلف انداز سے سوچتے ہیں۔ کہیں سائنسی تجزیہ ہے، کہیں سیاسی بحث ہے اور کہیں کربلا کے سماجی پہلو نمایاں ہوتے ہیں۔ بنیادی بات یہ ہے کہ فکری روّیہ کیا ہے۔ میرے خیال میں آج کا مرثیہ اور سلام نگار تین کرداروں کے گِرد گھوم رہا ہے : حضرت حسینؓ، بی بی زینبؓ اور حضرت عباّسؓ، لیکن جب وہ عونؓ و محمّدؓ اور بی بی سکینہؓ کے متعلق لکھتا ہے تو ایک بے بسی سی محسوس ہوتی ہے، وہ اِس انداز کے رَوّیے جدید انداز میں پیش نہیں کرسکتا !
میرا خیال ہے کہ وہ مرثیہ اور سلام جو مقصدِ شہادت کو واضح طور پر بیان کرتا ہے، وہ واقعتاً مقدّم ہے اور جدید ہے، یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ مرثیے اور سلام میں جو واضح تبدیلی آئی ہے وہ دبیرؔ کے بیٹے اوجؔ سے آئی ہے۔ لیکن اوجؔ کا شعر سننے سے پہلے مرزا دبیرؔ کی گھن گرج ملاحظہ فرمائیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؎
کس شیر کی آمد ہے کہ رن کانپ رہا ہے
رن ایک طرف، چرخِ کہن کانپ رہا ہے
اب آتے ہیں مرزا اوجؔ کی طرف، جن کا کہنا ہے کہ۔ ۔ ۔ ۔ ؎
حُسینؓ جہد و عمل میں ہیں، کربلا میں نہیں
وہاں تو صرف چڑھایا تھا آستیوں کو
یعنی فن برائے فن کا جو تصوّر وابستہ تھا، اُس کو سب سے پہلے اوجؔ نے اور پھر دبیرؔ کے شاگرد شادؔ عظیم آبادی نے توڑا۔ دوسری منزل جوشؔ صاحب کی ہے، انہوں نے اس سیاسی بیداری کو بغیر کسی ابہام کے سیاسی واقعات اور سیاسی جِد و جُہد سے منسلک کیا، لہذا ‘ آوازِ حق’ جوشؔ صاحب نے جَلیانوالہ باغ کے ردِّ عمل میں لکھا تھا۔ یہ ان مرثیوں کے سیاسی محرکات ہیں اور جوشؔ ہی اس سیاسی جدوجہد کو مرثیے سے منسلک سے منسلک کرتے ہیں۔
آپ یہ دیکھیں کہ جتنی نظم نگاری میں سیاسی شاعری ہوئی ہے، اسی قدر مرثیے میں سیاسی فکر نمایاں ہوئی ہے۔ اس ضمن میں بعض اہلِ فن کا کہنا ہے کہ مرثیے کو صرف مسدّس ہی میں لکھنا چاہیے، تو بہت پہلے علامہّ جمیل مظہری اور حاضر میں ڈاکٹر ہلال نقوی نے مسدّس کی فارم سے بہت ہٹ کر مرثیے لکھے ہیں۔ دیکھیے ہلال نقوی کا انداز۔ ۔ ۔ ؎
تڑپ کے اٹھ نہ کھڑے ہوں قتیلِ راہِ وفا
پکارتا ہے کوئی کربلا کی بستی میں
مئے وِلا کے شرابی شِکستہ حال سہی
خرید لیتے ہیں جنّت کو فاقہ مستی میں
میں سمجھتا ہوں کہ موضوع ہی صِنف کا تعین کرتا ہے، صِنف موضوع کا تعیّن نہیں کرتی۔ اُردو میں جو مرثیہ ہے، وہ ایک بالکل مختلف صِنف ہے۔ اُردو نے عربی سے مرثیہ ضرور قبول کیا ہے، لیکن اُردو میں مرثیہ سیّدنا حُسینؓ اور شہدائے کربلا سے مخصوص کر دیا گیا ہے، اور اِس میں مرثیہ گو شعراء کوشش کرتے ہیں کہ سیدّنا حُسینؓ کے اعلیٰ کردار کے حوالے سے اپنی سیاسی، تہذیبی اور معاشرتی اَقدار کو بلند کریں، اِس لئے کہا جاتا ہے کہ اُردو میں جو مرثیہ ہے وہ بالکل مختلف ہے۔ یہ صِنف اگر کسی سے تھوڑی بہت ملتی ہے تو وہ رَزمیہ ہے، لیکن رَزمیے سے یوں مختلف ہے کہ رَزمیے میں کردار خیالی ہوتے ہیں، جبکہ مرثیے کے کردار اصلی ہیں اور ان کی بہت بڑی اہمیّت ہے۔ دوسری چیز یہ کہ جب آپ جدید مرثیے اور سلام کی بات کرتے ہیں تو جدید مرثیے اور سلام کا تعلق جدّت سے نہیں ہے۔ جدیدیت کا سلسلہ ہمارے یہاں اُس وقت سے شروع ہوتا ہے جب سے جنگِ آزادی اور سرسیّد تحریک شروع ہوئی اور اس میں ہم نے نئے نئے موضوعات جن کی معاشرے میں ضرورت تھی، انہیں نثری ادب اور شاعری میں پیش کرنا چاہا، وہاں سے ہمارا یہ جدید رَوّیہ شروع ہوتا ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ ہماری روایتی شاعری بالکل ہی بے مقصد تھی۔ ۔ وہ اَقدار پر مبنی تھی جس میں آپ کا طرزِ احساس اَقدار سے متعلق تھا، لیکن اُس کے بعد اَقدار کے بجائے تجربات و مشاہدات شامل ہوئے اور سر سیّد تحریک کا سب سے بڑا کار نامہ بھی یہی ہے کہ چاروں طرف جو کچھ ہو رہا تھا اُسے موضوع بنایا گیا، وہیں سے جدید انداز اختیار کیا گیا اور یہ طرزِ احساس مرثیے اور سلام میں بھی داخل ہُوا۔ مرزا اوجؔ نے جو مرثیے کہے ہیں وہ سر سیّد تحریک کے موضوعات تھے، لیکن انہوں نے اپنے طرزِ احساس میں کوئی تبدیلی نہ کی اُن کا طرزِ احساس روایتی تھا، کیونکہ اُن کا طرزِ احساس اَقدار پر قائم تھا۔ جدید حِسیّت کی تعلیم یہ ہے کہ بجائے اَقدار کے ذاتی تجربے پر قائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض باریک بین نقّاد، جوشؔ ملیح آبادی اور علاّمہ جمیل مظہری کے مرثیوں کو بھی اِس لحاظ سے جدید نہیں کہتے کہ ان میں بھی طرزِ احساس روایتی ہے، اَقدار کے اوپر بنیاد ہے، البتّہ موضوعات نئے ہیں جو سر سیّد تحریک کا حصّہ ہیں۔ ہمارے یہاں جو جدّت آئی ہے وہ ذاتی احساس سے آئی ہے۔
ہم دیکھتے ہیں کہ سلام کا بنیادی موضوع بھی مرثیے والا ہی ہے، یعنی واقعاتِ کربلا، مصائبِ حُسینؓ و انصارِ حُسین، لیکن غزل کی طرح اس کے منفرد اشعار اور ردیف و قوافی کی پابندی کے سبب اس میں جولانیِ طبع دکھانے کی گنجائش بیحد کم ہوتی ہے۔ البتہ اگر سلام کہنے والا شاعر مشّاق، کہنہ مشق اور فکرِ رسا کا ملک ہو تو وہ اپنی جولانیِ طبع سے سلام میں بھی قصیدے، مرثیے اور غزل کا لطف پیدا کر دیتا ہے۔ صباؔ اکبر آبادی صاحب کی فکرِ رسا، قادر الکلامی اور کہنہ مشقی نے سلام کو ایک نئی معنویت اور اشاریت دیدی ہے، ان کے سلام پڑھتے وقت ایسا محسوسو ہوتا ہے کہ یہ تشبیہات اور تراکیب محمدﷺ و آلِ محمدﷺ کی تعریف کے لئے ہی بنی ہیں۔ صباؔ صاحب کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہ تشبیہات اور الفاظ کے استعمال میں حفظ مراتب کا بیحد خیال رکھتے ہیں، وہ جہاں جس کے لئے جو لفظ استعمال فرماتے ہیں، وہ اس شخص کے لئے خاص معنویت رکھتا ہے، اور اس ماحول و فضاء میں اس بات کی بڑی اہمیت ہے۔ اس ضمن میں صباؔ صاحب نے سانحۂ کربلا کی کچھ نہایت ہی کڑی اور تکلیف دہ ساعتوں کی کیفیت اور شدّت کو بیان کرنے کے لئے اس کے نفسیاتی پہلو تلاش کئے ہیں، جو نہ صرف اس کے تاثّر اور درد انگیزی میں اضافہ کرتے ہیں، اس طرح وہ واقعے کی تفصیل بیان کئے بغیر ہی محض اشاروں اور استعاروں کی مدد سے، اس کی مکمل تصویر نگاہوں کے سامنے کھینچ دیتے ہیں۔ صباؔ اکبر آبادی کے سلام سے تین شعر دیکھئے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؎
روزِ عاشور سب نے دیکھا ہے
نوکِ پیکاں پہ پھول کھِلتا ہے
خطِ تقسیم دین و دنیا ہے
اب سمجھئے کہ کربلا کیا ہے
بس شہادت میں ہے حیاتِ ابد
ورنہ جینے کا بھروسا کیا ہے
اسی طرح ہیئّت کی تبدیلی نے بھی مرثیے کو نیا روپ دیا ہے، جس کی مثال خواجہ رئیس احمرؔ اور پرفیسر کرّارحُسین کے صاحبِ زاد ے شبیہ حیدر ہیں، جنہوں نےمسدّس کی پابندی سے نکل کر آزاد نظم میں مرثیے لکھے، اور مقبولیت حاصل کی ہے۔ اردو مرثیے نے فکری بنیاد پر بھی بہت ترقی کی ہے۔ علی سردار جعفری اور فیض احمد فیضؔ صاحب نے بھی مرثیے لکھے اور جدید دَور میں مرثیے کو آگے بڑھایا ہے۔ ملاحظہ ہو فیضؔ صاحب کا رنگ۔ ۔ ۔ ۔ ؎
مَرکب پہ تنِ پاک تھا اور خاک پہ سَر تھا
اُس خاک تلے جنّتِ فردوس کا در تھا
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اُردو کی دوسری اَصنافِ سُخن کی طرح مرثیے اور سلام کو ادبی حیثیت اور اہمیّت حاصل کیوں نہیں ہے ؟
میں سمجھتا ہوں اِس میں دونوں جانب سے قصور ہے۔ بیشتر مرثیے اور سلام تبلیغی انداز سے لکھے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے وہ محدود سے محدود تر ہوتے جا رہے ہیں۔ اس میں آفاقی حوالہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ ہندوستان کے رسائل میں مرثیہ اور سلام نگاری پر کثرت سے مضامین لکھے جاتے ہیں، جبکہ ہمارے یہاں اس کا رواج نہیں ہے۔ شاید اس لئے بھی کہ پاکستان میں ادبی رسائل کے ۹۸ فیصد پڑھنے والے سُنّی ہیں!! میں نے پاکستان کے کسی رسالے میں جوشؔ سے فیضؔ صاحب تک کی مرثیہ نگاری پر کوئی مضمون نہیں دیکھا!۔ فیضؔ صاحب کی ایک کمزور غزل پر بحث ہوتی ہے لیکن اُن کے مرثیے پر توجّہ نہیں دی گئی۔ ۔ اس پر غور کی ضرورت ہے۔
قِصّہ یہ ہے کہ پاکستان بننے کے بعد جس نسل نے مرثیہ اور سلام لکھنا شروع کیا اُس میں ایک تبدیلی آئی، ہُوا یہ کہ کسی مُجرّد موضوع کی تشریح روایتی انداز سے کی جاتی ہے۔ ہمارے مرثیہ اور سلام لکھنے والے سمجھنے لگے ہیں کہ ہم فطری شاعری کر رہے ہیں، جبکہ اُن کو یہ نہیں معلوم کہ فطری موضوعات پر شاعری نہیں ہوتی، ایک وجہ تو یہ ہے، دوسری چیز یہ دیکھیں کہ عقیدے کی شاعری کا ایک انداز اور روایت رہی ہے، اور ہمیشہ اِن اِصناف میں بلند تر شعراء عقیدے کا اظہار کر کے اسے آفاقی سطح تک لے آتے ہیں۔ ۔ موضوع رشیدؔ لکھنوی اور جوشؔ ملیح آبادی کا مختلف نہیں ہے، لیکن جوشؔ کے مرثیے اسے آفاقی معیار تک لے جاتے ہیں۔ در اصل بڑا شاعر ہی کسی بھی صِنف کو آفاقی بنا سکتا ہے، درمیانی اور اُس سے نچلے درجے کا شاعر کسی صِنف کو آفاقی نہیں بنا سکتا۔ مرثیہ اور سلام عقیدے کی شاعری ہے، اس میں درمیانے اور نچلے درجے کے شاعر بھی ہوتے ہیں اُن کے یہاں عقیدے کا غلبہ زیادہ ہو گا۔ جو شاعر زمانے کی تبدیلیوں پر نظر رکھے گا وہ ہر صِنف کو آفاقی سَمت دینے میں کامیاب ہوسکے گا۔ جیسا کہ ہماری دوسری نسل کے شعراء میں۔ ۔ شاہدؔ نقوی، سردارؔ نقوی، شاداں ؔ دہلوی، سحرؔ انصاری، اُمیدؔ فاضلی، شاعرؔ لکھنوی وغیرہ ہیں۔ یہ درمیانی نسل کم و بیش تقلیدی نسل ہے، درمیانہ دَور تقلیدی دور تھا، یہ لوگ تقلید پر فخر محسوس کرتے ہیں، اس میں بڑے قادر الکلام شعراء ہیں، لیکن انہوں نے آفاقیت کو کہیں بھی استحکام نہیں دیا، اس لئے ایک خلاء پیدا ہُوا۔ ۔ اس خلاء کو سب سے زیادہ ڈاکٹر ہِلالؔ نقوی نے پُر کیا، ان کے بعد احمد نویدؔ، تصویرؔ فاطمہ، عارفؔ امام وغیرہ ہیں۔ یہ لوگ بڑی جدید حِسیّت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
اسی طرح ہمارے وہ مقتدر و معتبر اور اہم شعراء کرام جو ربع صدی سے زیادہ عرصے سے برّ صغیر پاک و ہند سے باہر مقیم ہیں، اگر مرثیے اور سلام کے حوالے سے ان کی تخلیقی کار کردگی کا جائزہ لیا جائے تو ہم دیکھتے ہیں کہ ماسوائے یورپ کے اور یورپ میں بھی برطانیہ کے کہیں اور اس سنجید گی اور معیاری سطح پر تخلیقی مظاہرہ نہیں ہوا۔ گویا مرثیے اور سلام کے ضمن میں برطانیہ سے مغربی دنیا کی نمائندگی ہو رہی ہے اور یہ نمائندگی کرنے والے عاشورؔ کاظمی اور صفدرؔ ہمدانی ہیں۔ ان دونوں شعرائے اہلِ بیت نے، ہر دو اصناف کو فنی اعتبار سے مرثیے اور سلام کی حقیقی ہیئت دی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بہت بڑا کام ہے کہ اگر ہم ماضی کی طرف دیکھیں تو قلی قطب شاہ، وجہی، غواصی ہاشمی تک کے مرثیے فنّی اعتبار سے ان کی غزل کے مرتبے کو نہیں پہنچتے۔
لیکن ان تمام باتوں کے باوجود آخر مرثیے اور سلام کو ادب میں کیوں شامل نہیں کیا جاتا، یا اس کی حیثیّت کا تعیّن اب تک کیوں نہیں ہوسکا، اس کے اسباب میں نے آپ کے سامنے پیش کر دیئے ہیں، اور آخر میں اپنی گفتگو سمیٹتے ہوئے، اُن میں سے چند اسباب پر قدرے اِختصار کے ساتھ کچھ عرض کرتے ہوئے اپنی بات کو ختم کروں گا۔
ہمارے یہاں مرثیہ اور سلام صرف مجالس میں پڑھا جاتا ہے اور ادبی رسائل میں شائع نہیں ہوتا، لہذا جو لوگ ان مجالس میں نہیں جاتے ہیں وہ ان مرثیوں اور سلاموں سے واقف نہیں ہو پاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ مرثیے اور سلام کی تشہیر اُس انداز سے نہیں ہوتی جیسے دیگر اَصنافِ سخن کی ہوتی ہے۔ میرا خیال ہے کہ اگر مرثیے اور سلام باقاعدگی سے شائع ہوں اور ناقدین تک پہنچیں تو اس پر گفتگو ہو گی۔ جہاں تک عقیدے کی بات ہے تو ہماری شاعری میں تصوّف کی شاعری کو صفِ اوّل کی شاعری کہا جاتا ہے۔ تصوّف بھی ایک طرح سے مذہبی اور عقیدے کی چیز ہے، جب یہ مقبول ہے اور ساری بڑی شاعری تصوّف پر ہی قائم ہے اور اہمیّت اختیار کر گئی ہے تو مرثیے اور سلام کو اہمیّت کیوں حاصل نہیں ہے !!
اُردو ادب میں مرثیے اور سلام کا موجودہ مقام اور حیثیت دیکھتے ہوئے میں تو یہ کہوں گا کہ اگر علامّہ شِبلیؔ نعمانی جیسا جیّد عالِم، میر انیسؔ کے بارے میں نہ لکھتا تو وہ ادب میں نہ آتے، وہ بہت بڑے شاعر ہونے کے باوجود محدود ہو کر رہ جاتے۔
مختصر یہ کہ اگر آپ اُردو شاعری کی صِنفِ مرثیہ اور سلام سے مخلص ہیں اور اِسے اُردو ادب میں کوئی مقام اور حیثیت دِلانا چاہتے ہیں تو۔ ۔ مرثیہ اور سلام لکھنے والوں کو اپنے مرثیے اور سلام لوگوں تک پہنچانے کے لئے سنجیدگی سے سوچنا ہو گا۔
٭٭٭

احساسات کی دوہری معنویت کا حسینی شاعر

محمد شفیع بلوچ (جھنگ)

کربلا کے واقعات تاریخِ انسانیت کا وہ عظیم المیہ ہیں جن میں ایک طرف جورو جفا کی انتہا ہے تو دوسری طرف حسینیت کے روپ میں استقامت، عزم، قوتِ عمل، معیارِ قربانی، صبر و قناعت، استغنا و توکل، صفائے قلب، سخاوت، شجاعت، راست بازی اور ثباتِ قدم کی انتہا ہے۔ کرب و بلا میں حسینؓ کے خون سے توحید کی اک نئی تفسیر لکھی گئی۔ اپنی اثر آفرینی کے لحاظ سے کربلا کے واقعات شروع دن سے ہی تازگی لئے ہوئے ہیں۔ بیدار دُنیا کا شاید ہی کوئی گوشہ ایسا ہو جہاں حق و باطل کے معرکے میں حسینؓ کا نام بطور سچائی اور حق کی علامت کے طور پر نہ پہنچا ہو۔ دنیائے ادب میں تو حسینؓ اور حسینیت کا شمار نہ صرف مذہبی معتقدات میں ہوتا ہے بلکہ تخلیق کاروں کا ہر دو سے ایک اعلیٰ سطح کا مستحکم جذباتی تعلق بھی قائم ہے۔ اس جذباتی تعلق نے پہلے اعتقادی صورت اختیار کی اور بعد میں رثا اور نوحہ کی یہی کیفیت ارتقائی منزلیں طے کرتی ہوئی سلام کی صنف میں ڈھل گئی جو بالآخر شہدائے کربلا اور بالخصوص حضرت امام حسینؓ کی ذاتِ والا صفات کے رثا اور مناقب کے بیان کے لئے وقف ہو گئی۔
سلام کی روایت عربی اور فارسی سے کہیں بڑھ کر اُردو میں پروان چڑھی۔ مذہب و عقیدت سے گہری وابستگی کے باعث اس صنفِ سخن کو اردو میں قابلِ اعتنا نہیں سمجھا گیا اور یہ عجب یوں نہیں کہ مذہبی ادب کے ساتھ شروع سے ہی ایسا سلوک ہوتا آیا ہے، حالانکہ مذہب ایسا لطیف اور پاکیزہ احساس ہے کہ جس کے ساتھ آدمی کا جذباتی رشتہ ہوتا ہے اور مذہب کے خلاف کوئی بھی بات آدمی کو نہ صرف ناگوار گزرتی ہے بلکہ وہ مرنے مارنے پر بھی اُتر آتا ہے کیا سچی مذہبی عقیدت تنگ نظری میں شمار کی جا سکتی ہے؟ میرے خیال میں اس لئے نہیں کہ معتقدات اور محسوسات افراد اور معاشرے دونوں سطحوں پر پائے جاتے ہیں اور کسی بھی مہذب معاشرے میں ان کا شمار اعلیٰ اقدار میں ہوتا ہے۔
مذہبی شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے یوں تو کئی اسالیب ہیں تاہم ان میں انفرادیت کی حامل صنفِ سخن ہے۔ سلام کی ہیئتِ ترکیبی کے پیچھے قصیدے اور مرثیے کے ساتھ ساتھ غزل کی بھرپور روایت بھی موجود ہے۔ غزل کی طرح سلام ایک ایسی صنف ہے جس کے مختلف اشعار میں متنوع مضامین و خیالات پائے جاتے ہیں۔ سلام کا تشکیلی مزاج غزل سے یوں بھی زیادہ مماثل ہے کہ ممدوح کے اوصافِ حمیدہ کو جس طرح حیطۂ نظم میں لایا جا سکتا ہے وہ کسی اور صنفِ سخن میں اس درجہ ممکن نہیں۔
اس قدر تمہید طولانی کا مقصد مدعا یہ ہے کہ عصر حاضر کے روایت و جدت کے حسین امتزاج کے حامل شاعر محمد منیر حسین گستاخ بخاری کے سلاموں کے بارے میں گفتگو کی جائے جو انہوں نے سیّدنا امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کے بارے میں رقم کئے ہیں۔ عقیدت احترام اور محبت کے احساسات کی دوہری معنویت گستاخ بخاری کے ہاں یوں بھی اُبھر کر سامنے آتی ہے کہ خود ان کا تعلق بھی حسینی خانوادے سے ہے سلام کہنے کے لئے ممدوح کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کے ادراک کے ساتھ ساتھ زبان و بیان پر بھی مکمل دسترس حاصل ہونا از بس ضروری ہے اور یہ سب خوبیاں گستاخ بخاری میں بدرجۂ اتم موجود ہیں۔
غزل کی تشکیلی مزاج میں عشق اور سلام کے تشکیلی مزاج میں اعتقاد کو بالادستی حاصل ہوتی ہے۔ گستاخ بخاری بنیادی طور پر غزل کے شاعر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے سلاموں کے زیر مطالعہ مجموعے میں سبھی اجزاء کے علاوہ متغزلانہ ایمائیت بھی پائی جاتی ہے انہوں نے ادبی اور فنی عنصر کو قائم رکھتے ہوئے اپنے سلاموں میں منقبتی، مناجاتی اور رثائی گوشے پیدا کئے ہیں اور اپنے معتقدات میں حمد، نعت اور منقبت وغیرہ کو بھی شامل کیا ہے۔ حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کے بارے کہتے ہیں :

شریعت جب ضرورت مند ٹھہری
تدبر بانٹتا مولا علیؓ ہے
بوقت شدتِ کفار گستاخؔ
نبیؐ کا مدعا مولا علیؓ ہے

سلام بنیادی طور پر ایک ایسی اعتقادی صنف ہے جس کی تہہ میں رثائی رنگ ہوتا ہے۔ گستاخ بخاری نے اس پہلو کو بھی مد نظر رکھ کر بہت خوبصورت اشعار کہے ہیں :

شب عاشور کا تصور کر
اور پھر کاٹ کر دِکھا اِک رات
____
اہلِ ایمان کا
اس قدر حوصلہ
ریت تپتی ہوئی
خون بہتا ہوا
تھے بہتر مگر
ولولہ لاکھ کا
تجھ کو انسانیت
مِل گیا رہنما
مرے سجدے کا وقت آنے لگا ہے
بدن جاگیر زخموں سے بھری ہے
نوحہ گری ہواؤں میں کس نے اُچھال دی
خواہش ہے کس کی حشر تک مدحت حسین کی

رثا میں ڈوبے ہوئے یہ متغزلانہ اشعار دیکھیں۔

زبانیں سوکھ کر کانٹا ہوئی ہیں
کہیں سے ابرِ رحمت بار دیکھو
بدن زخموں سے گلشن بن چکا تھا
کھلا نہ یوں کہیں گلزار دیکھو
جتنے بھی کارواں میں تھے حسنِ عمل کے ساتھ
شائق شہادتوں کے قرینے کو لے چلے
میں تیرے پاؤں کے نیچے ثواب رکھ دیتا
میرا حوالہ تیری طرح کو بہ کو ہوتا

رثا کے علاوہ منقبتی اور اخلاقی مضامین کو بھی متغزلانہ آہنگ اور اسلوب میں بڑے خوب صورت انداز میں پیش کیا ہے:

کربلا اک مثال ٹھہر گئی
ہوتے ہیں زندگی میں سو صدمات
کم ہی اتنے قریب ہوتے ہیں
جیسے شبیر اور خدا کی ذات
آپ نے دیکھ تو لیا ہو گا
تھے بہتر کے اک سے احساسات
کون گستاخ بھول سکتا ہے
سطوتِ دین اور غمِ سادات
درس گستاخ کو دیتی ہے وفائے شبیر
ہر وفادار کا آقا ہے حسینؓ ابن علیؓ
نہ کربلا نے چمن میں دیکھو
حسینؓ ہر اک زمن میں دیکھو
لہو میں ڈوبے وفا کے جذبے
حسینیت کے بدن میں دیکھو
علیؓ کی صورت، نبی کی سیرت
حسینؓ کے بانکپن میں دیکھو
حسینؓ تم کو بچا گیا ہے
تم اپنے گستاخ من میں دیکھو

ذکرِ حسین، گستاخ بخاری کی طرح ہر درد مند دل رکھنے والے کے نزدیک نہ صرف باعث ثواب ہے بلکہ وجہ تکریم بھی ہے اور یہ کیوں نہ ہو یہ حوالہ تو زمان و مکان کی حدوں کو بھی عبور کر گیا ہے۔
حسین صبر و شجاعت میں شاندار رہا
یزید جیت گیا پھر بھی بے وقار رہا
فلک سے، عصر سے، انسان سے کب یہ اترے گا
حسینیت کا لہو خلق پر اُدھار رہا
سلام کی وہ روایت جس نے میر انیس سے سیّد آلِ رضا تک کئی منازل طے کی تھیں اب ماند پڑتی جا رہی تھی کہ ایک اور سیّد نے زیرِ نظر مجموعے سے سلام کی روایت کی جانب شہدائے کربلا کے عقیدت مندوں کی توجہ مبذول کرا کے اس میں پھر سے تازگی پیدا کر دی ہے۔ میں ان کے لئے دل سے دعا گو ہوں کہ وہ عقیدتوں کا یہ سفر یوں ہی جاری و ساری رکھیں۔
٭٭٭

بارگاہ الٰہی میں خالد ملک ساحل (جرمنی)

محشر میں نہیں شور مچانا ترے آگے مقصود ہے بس ذات مٹانا ترے آگے

تُو چاہے تو ہر خواب کو پتّھر کا بنا دے
مٹّی کا کھلونا ہے زمانہ ترے آگے

مالک ہے تُو الفاظ کا، حکمت کا، بیاں کا
کیا خاک کہوں گا میں فسانہ ترے آگے

کرتا ہوں میں ہر روز نیا عہد، خدایا کرتا ہوں مگر روز بہانہ ترے آگے

یہ عشق ہے اور عشق، یہ، میرا ہے خدایا
ہاتھوں کا مرا روز اُٹھانا ترے آگے

تقدیر کو تدبیر کی لونڈی میں بنا دوں آ جائے اگر بات بنانا ترے آگے

آکاش کی وسعت میں ٹھکانہ مرے مالک آکاش کی وسعت کا خزانہ ترے آگے

منزل کی تڑپ کس کو نہیں آج زمیں پر منزل ہے مگر ایک نشانہ ترے آگے

آغاز سے انجام کی ترتیب ہے تیری اک کھیل ہے دنیا کو بنانا، ترے آگے ٭٭٭

نعت

اکرام تبسم

طوافِ کعبہ کیا کوہِ طور تک پہنچا
کہاں کہاں سے میں ہو کر، حضور تک پہنچا

مکاں میں رہتے ہوئے سیرِ لا مکاں کر لی
وہاں پہنچ کے بہت دور دور تک پہنچا

ہے سب مطالعۂ اسمِ مصطفیٰؐ کا کرم شعور تک گیا، تحت الشعور تک پہنچا

ملائکہ نے پذیرائی کی حد کر دی جب ان کے سائے میں ربِ غفور تک پہنچا

زہے نصیب کہ اُن تک مری رسائی ہوئی
میں ایک خاک کا پتلا بھی نور تک پہنچا

خدا کا شکر کہ نعتِ رسولؐ پڑھتا ہوا
لحد سے اپنی تبسمؔ نشور تک پہنچا
٭٭٭

سلام

خاور اعجاز (ملتان)

ایک منظر میں سیاہی خیمہ زن ہوتی ہوئی
دوسرے منظر میں روشن اک کرن ہوتی ہوئی

وقت نے کیسے گوارا کر لیا یہ سانحہ ساعت شہر اماں اور بے وطن ہوتی ہوئی

کس طرح دیکھی گئی ہو گی ہوائے عصر سے
ریگِ صحرا پھول جسموں پر کفن ہوتی ہوئی

پیاس کے منظر سے ابھرا ایک دریا بے مثال
بوند بھی جس کی افق تک موجزن ہوتی ہوئی

آنے والے دھوپ صحراؤں پہ سایہ کر گئی
خاک میں پیوند اک شاخِ بدن ہوتی ہوئی
٭٭٭

سلام

ناصر نظامی (ایمسٹرڈیم، ہالینڈ)

حدیثِ کرب و بلا کا اعادہ کرتے رہو غمِ حُسین کی لَو کو زیادہ کرتے رہو

سجا کے خون کے سہرے رُخِ صداقت پر حُسینیت کے علَم کو لبادہ کرتے رہو

یہ اور بات، شہادت کا حق ملے نہ ملے شہید ہونے کا دل میں اعادہ کرتے رہو

علیؓ کے نام سے ٹلتی ہیں مشکلیں سر سے
علیؓ کے نام سے تم استفادہ کرتے رہو

یہ علم و عقل ہے مومن کا گم شدہ ورثہ
ملے کہیں سے بھی تم استفادہ کرتے رہو

عدو کی ہرزہ سرائی کو بخش دو ہنس کر
نظر بلند، جگر کو کشادہ کرتے رہو
٭٭٭

زمینِ کربلا کی نذر

خالد ملک ساحل

ہم اہلِ کوفہ
یزیدیت کی صفَوں میں شامل
تری ہلاکت کے منتظر ہیں
ہماری آنکھوں میں اپنے گھر ہیں
ہمارے دل میں ہمارے ڈر ہیں
ہم اہلِ کوفہ، ہزار سالوں سے
بے بسی کا نصاب لے کر
چمکتے سواج کا خواب لے کر
دیارِ دل میں چھُپے ہوئے ہیں
ہم اپنی دھڑکن سے ڈرنے والے
کھلونے لے کر بہلنے والے
ترے کفن پر ستارے چُن کر
تری بقا کے ترانے سُن کر
تجھے لحد میں اُتار دیں گے
٭٭٭

گستاخ بخاری کے سلام

۱

کوئی تو ایسی بات شہِ کربلا میں ہے اک تذکرہ مدام جو خلقِ خدا میں ہے

سجدے میں سر کٹانے کی لذت نہ پوچھئے کیا زندگی کا لطف مقامِ فنا میں ہے

بھولا نہیں کسی کو بھی مقتل کا مرحلہ گلدستۂ شہید رہِ کبریا میں ہے

نادان اپنے سینے سے آ کر لپٹ گئی رقاصۂ اجل جو قدِ آشنا میں ہے

پیغام دے رہی ہے ہوا اذنِ شاہ میں لکھی ہوئی حضور شہادت فنا میں ہے

کرتی رہے گی حشر تلک دیں کو سر فراز شبیرؑ ترے خون کی خوشبو ہوا میں ہے

دائم فرات اشکوں کے دریا بہائے گا نا کامیابیوں پہ خجل اور سزا میں ہے

گستاخؔ تو شدائدِ دنیا کا غم نہ کر
ہیرا کمال و اوج کا کوہِ جفا میں ہے
٭٭٭

۲

یہ روایت یہاں کردار کی رکھی جائے سر سے تزئین، سرِ دار کی رکھی جائے

کربلا کچھ بھی نہیں عصر سے کہتے ہیں حسینؑ
کوئی مشکل میرے معیار کی رکھی جائے

دیں محمدؐ کا بچانا ہو تو مانندِ حسینؑ مرتبت حیدرِ کرّار ؑسے رکھی جائے

جب کہ سب کہتے ہیں اس وقت ہمارا ہے حسینؑ
دل میں الفت اُسی سرکار کی رکھی جائے

میں نے قربان کیا راہِ وفا میں کنبہ یاد فطرت میرے گھر بار کی رکھی جائے

عظمتِ دین کو خطرہ ہو مخالف سے اگر مصلحت واں نہ گل و خار سے رکھی جائے

ذہن اور دل کو کرے خوب منور تعلیم پرورش دستہ تلوار کی رکھی جائے

سرخ رو ہونا ہے مجھ کو میرے نانا کے حضور
مت کمی ظالمو ! آزار سے رکھی جائے

آپ گستاخؔ سے اتنی بھی توقع نہ کریں
کربلاؤں میں روش پیار کی رکھی جائے
٭٭٭

۳

شبیرؑ ترے صبر کو ہم کیسے بھلائیں اندر سے نکل پڑتی ہیں ماتم کی صدائیں

اک بوند بھی پانی کی اُٹھا کر نہیں لائیں
تھیں کس کے تعاقب میں وہاں تیز ہوائیں

شبیرؑ کھلے آپ پہ اسرارِ حقیقت کب لوگ سرِ دار یوں عرفان کو پائیں

اسلام کو کی زیست عطا جان کے بدلے دیتی ہیں جبیں آج بھی سیّد کو دعائیں

لگتا ہے ابھی حشر میں کچھ دیر ہے باقی
اکبر کو بلائیں، علی اصغرؑ کو سجائیں

ہم پھر بھی حسینؑ تیرے مقروض رہیں گے عاشور کو کتنی بھی عقیدت سے منائیں

احسان ہے اے ابنِ علیؑ! آپ کا احسا ں
مقبول ہوئی ہیں میری گستاخؔ ادائیں
٭٭٭

۴

شعورِ ذات کا اعلیٰ سبق حسین ؑحسینؑ
جو بھولتا نہیں ایسا سبق حسین ؑحسینؑ

خدا نے جس کے کیا ذکر کو بہت اونچا ہے اس رسولؐ کا اپنا سبق حسین ؑحسینؑ

شہید ہو کر بھی زندہ ہیں سید الشہدا چلو پڑھو پڑھو پہلا سبق حسین ؑحسینؐ

اسے قبول نہ تھی دین کی زباں بندی خسینؑ میرا ہے، میرا سبق حسین ؑحسینؐ

نہیں تھا راکبِ دوشِ رسولؐ بے معنی
سنا رہا تھا وہ سب کا سبق حسین ؑحسینؐ

علیؑ کا لعل وہ زہراؐ کے قلب کا ٹکڑا
منیرؔ دل کا اجالا سبق حسین ؑحسینؐ
٭٭٭

۵

نہیں ہے شام تو ظلمت بلا کے شام کرو نبیؐ کی آل کا اتنا تو احترام کرو

سجا کے نیزے کو، اک سر یہ کہتا پھرتا ہے
‘‘حسینؑ ہوں‘‘ مجھے اب کافرو سلام کرو

بتا گئے ہمیں وہ راستہ ہدایت کا کہ ظلمتوں میں شہادت کا اہتمام کرو

حضور فرطِ مسرت سے دیں جواب اس کا درودِ پاک کو، کلمے کو اتنا عام کرو

پھر اس کے بعد یہ دنیا غلام ہے میری
حسینؑ ! اک دفعہ نا چیز کو غلام کرو

تمہارے قدموں میں گستاخؔ سر بسجدہ ہے اسے حضور عطا معرفت کا جام کرو ٭٭٭

۶

محبتوں سے حرارت فضائیں لیتی ہیں سخی حسینؑ سے خوشبو ہوائیں لیتی ہیں

ہوا ہے جب سے تیری اوٹ سے طلوع اسلام
ادب سے نام تیرا کر بلائیں لیتی ہیں

میرے حسینؑ تیرے ساتھ جو بھی ہو گذرا
زمینیں شرم سے منہ پر ردائیں لیتی ہیں

حسینؑ پھرتے ہیں اصغرؑ شہید کو لے کر مقامِ صبر، تجھے انتہائیں لیتی ہیں

غمِ حسینؑ ترے عشق کی ہے یہ معراج حمیتیں ترے دکھ میں سزائیں لیتی ہیں

جوان بیٹوں کو دے دے کر درسِ شبیری شہادتوں کے پھر اعزاز مائیں لیتی ہیں

ہیں بے شمار، کہ آزادیاں دلانے والے
ہر اک شہید کی بہنیں دعائیں لیتی ہیں

میں دیکھتا ہوں کہ گستاخؔ، رحمتیں اس کی
بہت دنوں سے خبر دائیں بائیں لیتی ہیں
٭٭٭

۷

خلق لائے گی کہاں سے تیرے جیسا یا حسینؑ
مصطفیٰؐ نانا، علیؑ بابا ہے تیر ا یا حسینؑ

جادۂ عشق نبیؐ پر گامزن ایسے تھا شاہ دوڑتا جاتا تھا جیسے رستہ یا حسینؑ

راز سارے معرفت کے کھل رہے تھے دم بدم
پا لیا تھا آپ کی آنکھوں نے جلوہ یا حسینؑ

بے خبر تھے دین کے دشمن تیری تعریف سے
اور تو نے کر دیا ہے ان کو تنہا یا حسینؑ

سخت حالات و مصائب سے گذر کر صبر سے
کر دیا ہے دین کو کتنا توانا یا حسینؑ

یہ کجی پیرِ فلک کی تھی کہ قدرِ نا گزیر
امتحان ایسا کبھی دیکھا نہ ہو گا یا حسینؑ
٭٭٭

۸

اس قدر صبر اور رضا والے ہائے مہمان کربلا والے

جان اُن کی نظر میں کچھ بھی نہ تھی یہ دکھاتے رہے وفا والے

پیاس ان کو نہ کر سکی مغلوب خوف ناپید تھے قضا والے

لگ گئی آگ دھوپ کو جیسے پھر بھی محفوظ تھے ردا والے

اک طرف تھے ہزار ہا ابلیس اک طرف چند مصطفیٰؐ والے

خون دے کے بچا رہے تھے دین کر رہے تھے عطا، عطا والے

آئے گا ان پہ امتحاں گستاخؔ جو بھی کہلائیں گے خدا والے ٭٭٭

کہانی کا قضیہ

احمد ہمیش (کراچی)

قران پاک میں رقم ہے : ’’کہانیاں کہتے رہو کہ لو گ کچھ تو غور و فکر کریں ‘‘(سورہ اعراف)۔ سوزمانہ کہانی بیان کرتا ہے اور بعد کے زمانہ کو حوالہ کر جاتا ہے۔ ایک گراں قدر مثال واقعہ کربلا کی ہے، کربلا کا واقعہ مسلسل بیان ہوتا آ رہا ہے، نہ صرف بیان ہوتا آ رہا ہے بلکہ اس سے تو مغرب کے نشاۃ الثانیہ کی بنیاد پڑی۔ انقلابِ فرانس اس کی ایک واضح شکل تھی، پرل ہاربر پر بہادر جاپانیوں نے جو معرکہ کر دکھایا اُسے کون بھلا سکتا ہے۔ جہاں تک برصغیر کی جنگِ آزادی کا تعلق ہے تو یہ جنگ مختلف سطح پر لڑی کئی، خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا تو کیا کیا جا سکتا تھا۔ دو چیزوں سے لڑا نہیں جا سکتامفاداتِ پیوستہ اور کاکروچ۔ کاکروچ کے بارے میں تو اپنی کہانی ‘’فوٹوگرافر’‘ میں قرۃ العین حیدر نے لکھا ہے ’’زندگی انسانوں کو کھا گئی اب صرف کاکروچ رہ جائیں گے ‘‘۔ یہاں معلوم ہوا کہ آپ اپنے ختم کرنے والوں سے صرف اور صر ف سمجھوتہ کرسکتے ہیں اور کچھ نہیں یا موقع بے موقع اُلجھتے رہتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جدو جہد کس سے کی جاتی ہے، کیوں کی جاتی اور کیسے کی جاتی ہے ؟ آج تک یہ عقدہ نہیں کھلا۔ پال والیری نے کئی برس تک نہیں لکھا لیکن پھر لکھا اور خوب لکھا جبکہ ایسی مثالیں بھی ملتی ہیں کہ فرانز کافکا نے تو انتہائی بیزاری اور ناکامی کے عالم میں اپنی تحریریں نذرِ آتش کرنی چاہیں مگر اُس کے دوست میکس براڈ نے بروقت محفوظ کر لیا۔ جیمس جوائس نے بھی اپنی تحریروں کی غارت گری کی ٹھانی مگر وہ بھی ایسا نہ کرسکا ہمارے یہاں یعنی برصغیر میں اپنا بھگتا ہوا کہنے کی روایت تو رفیق حسین کی کئی کہانیوں میں ملتی ہے۔ جانوروں پر لکھی ہوئی کہانیوں میں لگتا ہے گویا وہ جانوروں کے ہم نفس رہے ہوں۔ مثلاً وہ اپنی کہانی ‘’کلوا’‘ میں کلوا کے ساتھی چندو کے حوالہ سے لکھتے ہیں :

‘’قدرت نے آنسو نہ دئیے تھے کہ جاری ہوتے، بہت دیر یہی کیا کیا، پھر ایک دفعہ آسمان کی طرف اور ناک زمین پر، یہ روانہ ہو گیا۔ سینکڑوں ہزاروں طرح کی بو میں چندو کی بو اُس کے واسطے الگ تھی، بوُ لیتا ہوا وہ چل دیا۔ ’‘
گویا خود بھگتنے کا عمل اپنی اور اپنے جیسے بہتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ پریم چند نے ‘’سوزِ وطن ‘‘ میں انگریزوں سے باغی رویہ کا اظہار کیا تھا لیکن جلد ہی انہیں ٹالسٹائی کے فکشن نے گھیر لیا اور جو باقی بچا تھا وہ گاندھی جی کی گاندھی واد کی نذر ہو گیا۔ سعادت حسن منٹو نے بیشتر فسادات پر لکھی کہانیوں میں جو بنیادی انسان کی خوبی اور خرابی اُجاگر کی وہ کسی اور صورت میں ممکن نہیں تھی۔ البتہ اپنی کہانی ‘’کھول دو’‘ میں انہوں نے اُن مسلمان رضاکاروں کا ذکر کیا ہے جو ایک مغویہ مسلمان لڑکی کو بازیاب کر کے لا رہے تھے اور کھیتوں میں کیا کچھ ہوا اُسے منٹو نے واضح طور پر بیان کیا ہے۔ البتہ یہاں ایک امر قابلِ ذکر ہے کہ منٹو نے عصمت چغتائی کے افسانہ ‘’لحاف’‘ کے اختتام کو ہدف بنایا تھا، کچھ اس طرح کہ عصمت چغتائی نے خلاف توقع جو دیکھا اُسے واضح طور پر بیان کرنے کی کوشش کی مگر عورت ہونے کے ناطے وہ کھل کر بہت کچھ بیان نہیں کرسکیں۔ میرا خیال ہے کہ منٹو کے بقول عصمت چغتائی اس لئے وہ کچھ بیان نہیں کرسکیں جو اُن کے اختیار سے باہر تھا۔ یہاں یہ ذکر بھی لازم ہے کہ عصمت چغتائی نے کئی کہانی لکھنے والی خواتین کو متاثر کیا۔ لیکن واجدہ تبسم اتنی متاثر ہوئیں کہ اُن کے زیرِ اثر کھب گئیں۔ احمد ندیم قاسمی کی کہانی ’’ہذا مِن فضلِ رَبی’‘ میں کہانی کار خود بیان کردا اپنی چور نفسیات سے ہر کسی دوسرے کی بیوی میں دلچسپی لیتا ہے یہی نفسیات بہت واضح طور پر ڈاکٹر احسن فاروقی کی کہانیوں میں در آئی۔ لیکن ہوتا یہ ہے کہ اگر واقعیت کی نوعیت ایک ہی جیسے لفظوں کی مدد سے دہرائی جائے تو اُن میں ضعف آ جاتا ہے اور اُن کی تاثیر ختم ہو جاتی ہے۔ ایک وجہ اور تھی کہ چالیس پچاس برس قبل کی کہانیوں میں سکہّ بند کردار ہوا کرتے تھے۔ کرداروں کی مدد سے واقعہ کی بنت ہوتی تھی۔ لیکن ہوا یہ کہ منٹو کے کئی کردار مثلاً خوشیا دلا ل وغیرہ اپنی جگہ تبدیل کر گئے۔ خوشیا جگہ بدل کر لوک سبھا اسمبلیوں اور پارلمینٹ کا ہولیا۔ اس طرح ‘’سوگندھی’‘ نے جگہ بدلی تو وہ ایوارڈ کے فنکشنوں میں دیکھی جانے لگی۔ ایک طرح سے یہ اچھا ہی ہوا ورنہ ایسے میں اگر منٹو ہوتا تو خودکشی کر لیتا۔ غلام عباس اگر ‘’آنندی ‘‘پہ اکتفا کر لیتے تو مزید لکھنے کی کچھ ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ نئے موضوع سے خالی ہو چکے تھے۔ کرشن چندر پلاٹ سازی کے ماہر تھے مگر یہی پلاٹ سازی اُنہیں لے ڈوبی۔ زیادہ سے زیادہ اُن کی ایک کہانی ‘’کالو بھنگی ‘‘ اس لیے قابلِ ذکر ہے کہ ایک گائے اُس کا سر چاٹتی تھی۔ ‘‘دادر پُل کے بچے ‘‘قابلِ ذکر کہانی ہوسکتی تھی لیکن ا س لئے نہیں ہوئی کہ نقلی انسان دوستی کے فارمولا کی نذر ہو گئی۔ دراصل انہوں نے کثرت سے لکھا اور اسی لیے بہت خراب بھی لکھا۔
جبکہ رام لعل میں ایک اچھی بات یہ تھی کہ وہ کہانی کے موضوع میں مبتلا ضرور ہوتے تھے۔ مثلاً انہوں نے اپنی ایک کہانی کے موضوع کو اجاگر نے کے لئے بڑے گوشت اور چھوٹے گوشت کے قصائیوں کے یہاں نوکری کی، اس لیے کہ وہ اُن کی نفسیات جاننا چاہتے تھے۔ ’’مکھی ‘‘کی تصنیف سے پہلے خود میں نے اپنے ایک دوست ڈاکٹر، ڈاکٹر سراج کے ساتھ ڈا میڈیکل کالج کے ڈائسکشن ہال کی سیر کی اور وہاں میڈیکل کے طلبا اور طالبات کو ایک مردے کی ایڑھی کو ڈائسکٹ کرتے ہوئے کئی بار دیکھا۔ کیونکہ میں ایڑھی کے گوشت کی بناوٹ دیکھنا چاہتا تھا۔ مجھے ایڑھی کا گوشت نوڈلز کی طرح نظر آیا تھا اور تب میں نے وہی لکھا جو مجھے نظر آیا۔
پچاس کی دہائی ختم ہوتے ہی کہانی کے زمرہ میں انتظار حسین کا نام سنا جانے لگا۔ لیکن انتظار حسین کسی گدی نشین کی طرح ایک ناکارہ ماضی کو پکڑ کے بیٹھ گئے۔ حالانکہ اگر وہ ماضی قریب کے بجائے ماضی بعید کو لیتے تو اُس سے کافی خزانہ مل سکتا تھا۔ انہوں نے ماضی قریب کو لیا تو اُس سے تو سوائے مردوں کے اور کچھ نہیں مل سکتا۔ جبکہ جوگندر پال انتظار حسین سے بہت پہلے کے افسانہ نگار ہیں، انہوں نے کہانی کی تکنیک میں صر ف اتنی تبدیلی کی طوالت اور اختصار کے درمیان کا موقف اختیار کیا۔ ایک طرح سے انہوں نے ایک توازن رکھتے ہوئے کہانی کو اُس کے اصل مقام سے روشناس کرایا۔ جہاں تک انور سجاد کا تعلق ہے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شمس الرحمن فاروقی نے اُنہیں جدید افسانہ کا معمار اعظم کہہ کہ اُن کے حق میں کچھ اچھا نہیں کیا۔ فردوس حیدر نے کئی ملکوں کا سفر کیا اورسفر سے ہی انہوں نے کہانی کی بساط بچھائی۔ چاہیے تو یہ تھا کہ و ہ اِ س پر ڈٹی رہتیں مگر ٹی وی کے لیے جب انہیں ڈرامہ تیار کرنے کا کانٹریکٹ ملا تو افسانہ نویسی پس منظر میں رہ گئی۔ نور الہدی سید نے اپنے ایک افسانہ میں ایک بگلے کا تعاقب کیا تو خوب کیا مگر وہ اس تعاقب کو جاگر نہیں کرسکے۔ اسد محمد خان شاعر اور افسانہ نگار بہ یک وقت ہیں۔ اُنکی کہانی ‘’باسُودے کی مریم ‘‘ یسوح مسیح کی مریم سے سے انسانی قدروں کی یکجائی کے مطابق ہمکنار ہوتی ہے۔
بات یہ ہے صاحبو، میں نے بہت ہمت کر کے ایک روایت قائم کر دکھائی کہ کہانی کا تاریخ کا سلسلہ راست برصغیر سے شروع کیا بلکہ اُسے گوتم بدھ کے اس سوال سے منسلک کر دیا کہ ‘’میں کون ہوں ‘‘۔ خیال رہے کہ گوتم بدھ دنیا کے پہلے کہانی کار تھے اس لیے بھی کہ انہوں نے ہندو دیو مالا اور ویدک فلسفہ کو اک دم رد کر دیا۔ سارناتھ میں برہمنوں سے جو مباحثہ ہوا اُس میں انہوں نے شمال سے آئے ہوئے دیوی دیوتاؤں کو ماننے سے انکار کر دیا اور ساری تفصیل کو یہ کہہ کر ختم کیا کہ اُن کے من میں جو بات ہے وہ دوسروں تک پہنچانا چاہتے تھے۔ سو تب سے کہانی، کتھا اور تمثیل بیان کی جانے لگی۔ اس سے جڑی مثال کچھ یوں ہے : ‘’ایک بار بکچھو آنند نے گوتم بدھ سے پوچھا کہ منش یعنی آدمی کی روشنی کیا ہوتی ہے ؟ جواب ملا، آدمی کی روشنی سورج کی روشنی ہوتی ہے اور وہ اُس میں اپنا کام کرتا ہے۔ ’‘سوال کیا گیا ہے ‘’سورج کی روشنی چھپ جائے تو آدمی کس کی روشنی میں اپنا کا م کرتا ہے، جواب دیا گیا تب وہ چندرما یعنی چاند کی روشنی میں اپنا کام کرتا ہے۔ ’‘پھر سوال کیا گیا ‘’اور جب چاند چھپ جائے تو آدمی کس کی روشنی میں اپنا کام کرتا ہے، جواب دیا گیا تب وہ اگنی کی روشنی میں کام کرتا ہے۔ ’‘پھر پوچھا گیا کہ’‘ جب اگنی بجھ جائے تب وہ کس کی روشنی میں اپنا کام کرتا ہے، جواب دیا گیا تب وہ شبد یعنی لفظ کی روشنی میں اپنا کام کرتا ہے’‘۔ اس طرح آخر میں پوچھا گیا کہ ‘’جب لفظ کی روشنی بھی کام نہ آئے تو آدمی کس کی روشنی میں اپنا کام کرتا ہے، جواب دیا دیا گیا تب وہ اپنی آتما یعنی روح کی روشنی میں اپنا کام کرتا ہے’‘۔
اس اعتبار سے معلوم ہوا کہ شاعری کیفیت کی کہانی اور موسیقی آواز کی کہانی ہے۔ غرض کہ دنیا کے قیام کا اصل بھید ہی کہانی ہے۔ اس کہانی کے سلسلہ سے دنیا قائم چلی آ رہی ہے اور گوتم بدھ کے شبدوں میں دنیا ازل ہا از ل سے ابد الابداد تک قائم رہے گی۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ آدمی اور اُس کی کہانی ازل ہا ازل سے بیان ہوتی آ رہی ہے اور ابد الابداد تک بیان ہوتی رہے گی۔
٭٭٭

شاعری اور فکشن

محمد شفیع بلوچ (جھنگ)

شاعری کی عام معنوں میں یوں تعریف کی جا سکتی ہے کہ وہ تخیل کا اظہار ہے اور جمالیاتی عمل کے ذریعے حواس کی دنیا سے حقائق کی دنیا میں جانے کے لیے ایک پل مہیا کرتی ہے۔ ولیم ورڈز ورتھ شاعری کے بارے میں کہتے ہیں :
‘’شاعری فی الحقیقت ایک ملکوتی و جبروتی چیز ہے۔ وہ علم کا مرکز بھی ہے اور محیط بھی۔ وہ سارے علمِ انسانی پر حاوی ہے اور سارا علم انسانی اس سے سندِ اعتبار حاصل کرتا ہے۔ وہ ہر نظامِ فکر کی بیخ و بُن بھی ہے اور شگوفہ بھی۔ سب نظام ہائے فکر اُسی سے پھوٹتے ہیں اور اُسی سے کسبِ نمو کرتے ہیں ‘‘۔ (۱)
‘’شاعری اپنی سب سے کامل اور عالمگیر صورت میں انسانی اعمال و عادات کی نیکی یا بدی سے ہمیشہ وابستہ رہی ہے’‘۔ (۲)
‘’شاعری بہترین اور شادمان ترین طبیعتوں کے بہترین اور شادمان ترین لمحوں کی سر نوشت ہوتی ہے۔ ’‘۔ (۳)
یٹس (Yeats)کا کہنا ہے کہ ہم اوروں سے جھگڑیں تو خطابت کرتے ہیں اور اپنے آپ سے جھگڑیں تو شاعری کرتے ہیں۔ (۴)
شاعری نفسِ انسانی کا ابتدائی عمل ہے۔ اس سے پیشتر کہ انسان کلیے وضع کر سکتا اس کے لیے ضروری تھا کہ وہ اپنے تخیل سے کام لے۔ مدتوں تک خیالی ٹامک ٹوئیے مارنے کے بعد وہ اس قابل ہوا کہ اپنی قوتِ فکر سے کام لے سکے۔ اس سے پہلے کہ وہ باہر کی دنیا کا واضح ادراک حاصل کر سکتا اس دنیا کے دھندلے دھندلے نقوش اس کے حواس پر مرتسم ہوئے۔ کلامِ ناطق سے پہلے اس نے گانا سیکھا، نثر میں گفتگو کرنے سے پہلے اُس نے نظم میں باتیں کرنا سیکھا۔ اصطلاحات سے پہلے اُس نے استعاروں سے کام لیا۔ آج بھی استعارہ آمیز زبان اس کی فطری زبان ہے۔ (۵)
شاعری کی ابتدا نوعِ انسانی کی کی طفلی میں ہوئی لیکن حجری دور کے تشکیلی فنون کے باقیات(مثلاً سنگ تراشی، اور چٹانوں کے اوپر نقاشی )کی طرح اوائلی ادوار کی شاعری کے کوئی آثار ہمیں دستیاب نہیں ہوئے، بہر کیف نوعِ انسانی کی جو قدیم ترین تحریریں باقی ہیں اُن میں سے اکثر و بیشتر کی ساخت شاعرانہ ہے۔ جب ہم انجیل کی زبان میں کہتے ہیں کہ ‘’ابتدا میں کلام تھا’‘ تو ہماری شاعرانہ کلام سے ہوتی ہے۔ آج کل زبان عقلی استدلال کا وسیلہ ہے لیکن شروع شروع میں اس کا مصرف یہ نہ تھا۔ (۶)
اٹلی کا ایک فلسفی جامباتستا ویکو(Giamattista Vico)شاعری کی قدامت کا نظریہ پیش کرتے ہوئے لکھتا ہے:
‘’تمام قوموں کی تاریخ میں شاعری سب سے پہلے وسیلۂ اظہار تھی اور اُن کی ناطق زندگی کا سب سے پہلا مظہر تھی۔ وہ ان کی سب سے اہم، سب سے بنیادی اور سب سے درشت ضروریات کا آلۂ اظہار تھی، یعنی ان کے قوانین، اُن کی حکمت، اُن کی مذہبی رسوم، اُن کی پیدائش، شادی، موت اور جنگ و امن کی رِیتیں اور اس کائنات کے بارے میں اُن کی قیاس آرائیاں سب اُسی کے ذریعے ہوتی تھیں۔ ’‘
چنانچہ شاعری متمدن قوموں کی طباعی کی ایجاد نہیں، نہ وہ ایسے افکار کا جو عقلی طور پر پہلے ہی سے وضع ہو چکے ہوں ایک مؤثر وسیلۂ اظہار، بلکہ انسان کا سب سے پہلا عملِ فہم و بیان ہے۔ اس عمل میں فہم اور بیان کے عناصر ایک دوسرے سے جدا نہیں کیے جا سکتے۔ یہ نہیں کہ فہم پہلے ہو اور بیان بعد میں، بلکہ بیان خود فہم کی ایک صورت ہوتا ہے یا دوسرے الفاظ میں فہم بیان کے ذریعے ہوتا ہے۔ (۷)
شاعری کا ہر لفظ ایک عالمِ صغیر ہوتا ہے۔ اپنے جہاں نما آئینے میں وہ آسمان، زمین اور زندگی کی عکاسی کرتا ہے اور عالمِ اشیا کی ایک شئے بن جاتا ہے بلکہ اشیا کے سویدائے قلب کو بے نقاب کرتا ہے۔ جب شاعر اس طرح کے چند عالمِ صغیر ایک جگہ جمع کرتا ہے تو وہ محض ایک نئی ترکیب ہی وضع نہیں کرتا بلکہ ایک نئی چیز خلق کرتا ہے۔ (۸)
آغازِ کار میں نثر سے کہیں پہلے شعر نے ترقی کی تھی اس لیے شروع شروع میں شعر کو بیشتر اصنافِ ادب میں استعمال کیا جاتا تھا۔ نہ صرف یہ بلکہ افکار اور علوم بھی زیادہ تر صنف شعر ہی کا سہارا لیتے تھے۔ بعد ازاں جب نثر کو ترقی ملی تو اس نے آہستہ آہستہ اپنی حدود کو بڑھا کر ان تمام موضوعات کو اپنا لیا جو عارضی طور پر نظم کے سپرد تھے۔ (۹)
شاعری ایک بہتر اور ملکوتی طریقے سے کام لیتی ہے۔ وہ نفسِ انسانی کو ہزارہا قسم کے نئے مجموعہ ہائے افکار کی جولان گاہ بنا کر اُس کو بیداری اور وسعت بخشتی ہے۔ وہ اس دنیا کے حُسن وجمال کے چہرے پر سے نقاب ہٹاتی ہے اور آئے دن کی آشنا چیزوں کو ایک لذت بخشتی ہے۔ اس کی تخلیق کردہ ہستیاں جنہیں وہ ایک کسوتِ نورانی پہنا کر پیش کرتی ہے، لوگوں کے دلوں میں بلند اصولوں اور جمیل سیرتوں کی یادگاریں بن کر زندہ رہتی ہیں۔ (۱۰)
شاعر بے تار کی تار برقی کا ایک اسٹیشن ہے جس کے کھمبے تو زمین میں گڑے ہوتے ہیں لیکن کان آسمان پر لگے ہوتے ہیں۔ اُس کے پاس ایک ایسا آلہ ہوتا ہے جو تمام اُن پیغاموں کو جو ہوا میں آوارہ ہیں جمع کرتا ہے۔ ایک اور آلہ بھی ہوتا ہے جو ان پیغاموں کی ایک عالمگیر زبان میں ترجمانی کرتا ہے اور جس جس شخص میں ان پیغاموں کو قبول کرنے کی صلاحیت ہو اُس اُس شخص تک اُن کو پہنچاتا ہے۔ (۱۱)
کیٹس کا قول ہے کہ شاعری کو ایسا ہونا چاہیے کہ پڑھنے والے کو یہ معلوم ہو کہ خود اس کے بلند ترین خیالات کسی اور کی زبان سے ادا ہو گئے ہیں اور اس کی کسی کھوئی ہوئی یاد کو واپس لا رہے ہیں۔ (۱۲)
شاعر ایک مجذوب ہوتا ہے جو زبان کا استعمال عام انسانوں کی طرح نہیں بلکہ ایک الہامی طریقے سے کرتا ہے۔ اس دعوے نے شاعر کو احتساب کے معیارِ عام سے مبرا کر دیا اور اُسے پیغمبر اور دیوانے کے بین بین ایک خاص حیثیت بخش دی۔ (۱۳)سقراط کے الفاظ میں :شاعر ایک لطیف الجبلت، پرواز کی طاقت رکھنے والی اور مقدس ہستی ہوتا ہے اور وہ کوئی چیز اس وقت تک تخلیق نہیں کرسکتاجب تک کہ اس پر ایک الہامی قوت کا قبضہ نہ ہو جائے اور اس کے حواس یکسر زائل نہ ہو جائیں …خدا شاعروں کے دماغ معطل کر دیتا ہے اور پھر ان سے اپنے پیغمبروں کا کام لیتا ہے۔ (۱۴)افلاطون کہتا ہے:شاعر الہامی قوتوں کا حامل ہونے کے باوجود اس قابل نہیں ہوتا کہ اسے ایک کامل جمہوریہ کے ذمہ دار شہریوں کے زمرے میں شامل کیا جائے۔ افلاطون کے تصورِ شاعری میں ایک بنیادی تضاد ہے۔ ایک طرف تو وہ شاعر کو تلمیذ الرحمٰن سمجھتا ہے اور دوسری طرف اسے نقال کہتا ہے۔ ارسطو نے شاعری کو صداقت پر مبنی سنجیدہ اور مفید پایا وہ افلاطون کے نقلِ تصور کو تسلیم کرتا ہے۔
زبان، رنگ، ہئیت اور مذہبی و اجتماعی عمل، یہ سب کے سب شاعری کے آلات اور مواد ہیں۔ شاعری ان معنوں میں جزوِ پیغمبری کہی جا سکتی ہے کہ اس کا تعلق ازلی، ابدی اور لا محدود حقائق سے ہے۔ شاعری ہمیشہ لذت کو اپنے جلو میں رکھتی ہے۔
شاعری زندگی، معاشرے اور کائنات کی دوسری حقیقتوں کی طرح عصر کی سیاسی، سماجی اور ثقافتی تبدیلیاں بھی شاعر کے حساس دل پر اُسی طرح اثر انداز ہوتی ہیں اور وہ اس کی شاعری میں در آتی ہیں۔ شاعری اگرچہ اپنے عصر کی عکاسی اپنے ڈھنگ سے کرتی ہے اور زمینی اور وجودی حقائق کو ان کی اہمیت کے مطابق اپنے دامن میں جگہ دیتی ہے تو دوسری طرف حقائق، اسرار، بھید اور اعلیٰ صداقتوں کو بھی بیان کرتی ہے۔ شاعری زمین سے کچھ اوپر کی فضا سے تعلق رکھتی ہے اس میں خیال اور خیال آرائی، متخیلہ، تمثال، اسرار، علامت، ابہام، استعارہ اور تجرید وغیرہ کا استعمال نہ صرف جائز ہے بلکہ ان کی معرفت ہی اظہار ممکن ہوتا ہے اور یہ شاعری کے اوصاف میں شمار ہوتے ہیں۔ فرد اور معاشرے کے باطن کے اندر دور تک رسائی حاصل صرف شاعری ہی کا منصب ہے کسی دوسرے فن کے لیے یہ اس طرح ممکن نہیں۔

فکشن

شعر اور نثر میں ایک ما بہ الامتیاز وزن ہے لیکن ایک طرح کا وزن نثر میں بھی ہوتا ہے، فرق یہ ہے کہ نظم کا وزن باقاعدہ اور متواتر ہوتا ہے، نثر کا زیر وبم نحوی ہوتا ہے اور قواعد صرف و نحو کا تابع ہوتا ہے۔ قواعدِ صرف و نحو اپنی جگہ ایک معیارِ ربط وضاحت کے تابع ہوتے ہیں اس کے برعکس شعر کا زیرو بم حِسی ہوتا ہے اور کسی اندرونی ضرورت کا تابع ہوتا ہے، یعنی ایک کیفیتِ شعوری کے لیے موزوں نظامِ اصوات تلاش کرنے کی ضرورت۔ یہاں منطقی ربط و وضاحت کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔ نثر ایک فکری للسوب ہے اس کا کام کسی صورتِ حال کی تشریح ہوتا ہے، وہ یا تو ایسے افکار کو بیان کرتی ہے جو پہلے ہی سے متعین اور واضح ہوں یا غیر متعین اور غیر واضح افکار کو تعیین و وضاحت بخشتی ہے۔ شاعری کا مقصد تشریح و توضیح نہیں ہوتا۔ نثر ایک ایسا آلہ ہے جو عملی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، شاعری کسی عملی مقصد کو پیشِ نظر نہیں رکھتی۔ (۱۵)
دنیا کی بیشتر زبانوں میں نثر کا ظہور شاعری کے بعد ہوا لیکن نثر نے خصوصاً جدید زمانے میں بہت زیادہ اہمیت حاصل کر لی ہے اور ادب میں اسے شاعری کے برابر درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ نثر یا فکشن اپنے ہم عصر عہد کا عکاس ہوتا ہے اور فرد اور معاشرے کے تمام رویوں اور ان کے بیرون اور اندرون کی آویزشوں اور تضادات کو اپنے اندر سمونے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا بلکہ اس کے بنیادی خصائص میں شامل ہے۔ (۱۶)
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اپنے ہم عصر عہد کی عکاسی تو تاریخ بھی کرتی ہے تو کیا تاریخ کا شمار بھی نثری ادب( فکشن)میں کرنا چاہیے جیسا کہ ‘’الفاروق’‘ اور دربارِ اکبری۔ پریم چند نے اس بات کو ایک دلچسپ انداز میں اپنی کتاب ’‘میرے بہترین افسانے’‘(۱۹۳۳ء)کے دیباچے میں لکھا ہے:
‘’کہانی میں نام اور سنہ کے سوا سب کچھ سچ ہے اور تاریخ میں نام اور تاریخ کے سوا کچھ بھی حقیقت نہیں۔ ’‘(۱۷)
شاعری اور فکشن اگرچہ دونوں انکشافِ حقیقت کی سعی کرتے ہیں۔ دونوں کے لکھنے والوں کی اصل غایت یہی ہوتی ہے۔ انکشافِ حقیقت فکشن کی اپنی حدود ہیں اور یہ حدود ارضی اور وجودی جکڑ بندیوں سے منسلک اور متعلق ہیں۔ شاعری اعلیٰ اور برتر حقائق تک نہ صرف رسائی رکھتی ہے بلکہ انہیں امکان بھر بیان کرنے اور اس کا ابلاغ پڑھنے والے تک کرنے کی استطاعت بھی رکھتی ہے۔
ٹی۔ ایس ایلیٹ کا قول ہے کہ اگر کوئی چیز نثر میں اتنی ہی اچھی طرح بیان کی جا سکتی ہو جتنی نظم میں تو ہمارے نزدیک یہ بہتر ہے کہ اُسے نثر ہی میں بیان کیا جائے۔ (۱۸)
نئی اردو فکشن نے اپنے عہد کے انسان کی کہانی کو اپنے فن کی پہچان بنایا ہے اور اس امر کی بخوبی نشاندہی کی ہے کہ انسان نے انسان کو کیا سے کیا بنا دیا ہے۔ انسان کی کہانی اور انسان کی صورتِ حال کے امتزاج نے نئی اردو فکشن میں ‘’انسان’‘کو محور بنا دیا ہے۔ ۔ ۔ نئی اردو فکشن میں محبت کے اصول کے بجائے جنس ظاہر ہوئی ہے یا بھولی ہوئی محبتوں کی یادداشتیں جو کسی طرح بار آور نہیں ہو سکتیں، شعور کے پردے پر لرزاں لرزاں دکھائی دیتی ہیں۔ ان خدوخال کے ساتھ ساتھ نئی اردو فکشن کے انسان کی بدلی ہوئی نفسیات بھی نظر آتی ہے۔ (۱۹)
الغرض ہمارے یہاں جو نثری ادب تخلیق ہوا ہے وہ اگر شاعری سے بلند نہیں تو اس سے کمتر بھی نہیں اوراس سے نہ صرف حصولِ مسرت کا کام لیا جا سکتا ہے بلکہ عصری شعور و آگہی کے ساتھ ساتھ تاریخی حقائق اور انکشافاتِ حقیقت تک پہنچا جا سکتا ہے اور یہی نثری ادب کی سب سے بڑی اہمیت ہے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ یہ نثر کا دور ہے، کیونکہ سائنسی شعور اور تلاشِ حق کے لیے نثر ہی کو آلہ بنایا جا سکتا ہے۔ ہم دیکھ چکے ہیں کہ دورِ حاضر میں نثر کا غیر معمولی ارتقا ہوا اور اس کے متعدد میدانوں میں اہم تخلیقات روشنی میں آئی ہیں۔ (۲۰)
٭٭

حوالہ جات

۱۔ ولیم ورڈرز ورتھ، شاعری کا جواز، مشمولہ:مغربی شعریات، مترجم:محمد ہادی حسین، مجلس ترقی ادب، لاہور، طبع دوم جون ۲۰۰۵ء، ص۹۷
۲۔ ایضاً، ص۷۸ ۳۔ ایضاً، ص۹۹
۴۔ سی۔ ڈی لوئیس، شاعری کا امید افزا مستقبل، مشمولہ:مغربی شعریات، ص۲۰۳
۵۔ سی۔ ڈی لوئیس، شاعرانہ تمثال، مشمولہ:مغربی شعریات، ص۲۳۶
۶۔ ہربرٹ ریڈ ‘’انجانی چیزوں کی ہئیت’‘(ملخص)مشمولہ:مغربی شعریات، ص۲۶۴
۷۔ ایضاً، ص۲۶۵
۸۔ ژاں پال سارتر، شاعری اور زبان، مشمولہ:مغربی شعریات، ص۴۲۱
۹۔ وزیر آغا، ڈاکٹر:نظم جدید کی کروٹیں، مکتبہ میری لائبریری، لاہور، بار اوّل، ۱۹۷۴ء، ص:۲۲
۱۰۔ ولیم ورڈرز ورتھ، شاعری کا جواز، مشمولہ:مغربی شعریات، ص۷۳
۱۱۔ سی۔ ڈی لوئیس، شاعری کا امید افزا مستقبل، مشمولہ:مغربی شعریات، ص۲۰۸
۱۲۔ سی۔ ڈی لوئیس، شاعرانہ تمثال، مشمولہ:مغربی شعریات، ص۲۵۰
۱۳۔ ڈیوڈ ڈچز، مغربی شعریات کے اہم سنگ ہائے میل، مشمولہ:مغربی شعریات، ص۲
۱۴۔ ایضاً، ۳
۱۵۔ ہربرٹ ریڈ ‘’انجانی چیزوں کی ہئیت’‘(ملخص)مشمولہ:مغربی شعریات، ص۲۶۶
۱۶۔ ذو الفقار احمد تابش:فکشن اور شاعری، برتر کون؟(مضمون)’‘روزنامہ’‘ امروز’‘، لاہور، ۱۱؍ اکتوبر، ۱۹۸۵ء
۱۷۔ محمود واجد:فکشن کے بارے میں کچھ معروضات(مضمون)مطبوعہ ماہنامہ ماہِ نو، لاہور، مارچ، ۱۹۸۹ء، ص:۳۱
۱۸۔ سی۔ ڈی لوئیس، شاعری کا امید افزا مستقبل، مشمولہ:مغربی شعریات، ص۲۱۰
۱۹۔ جیلانی کامران، پروفیسر:’‘نئی اردو فکشن کے اصول’‘(مضمون)، مطبوعہ: ماہنامہ، ‘’شام وسحر’‘، لاہور، مارچ، ۱۹۹۰ء، ص:۶۔ ۷
۲۰۔ احتشام حسین:اردو ادب تنقید___انجمن ترقی اُردو بیورو، نئی دہلی، ۱۹۸۸ء، ص:۲۹۵
٭٭٭

‘’ دشتِ گُریز ‘‘ ایک نظر میں

ڈاکٹر احمد فاروق مشہدی (ملتان)

اعجاز احمد قاضی یا قاضی اعجاز محورؔ، دونوں ناموں سے معروف ہیں۔ اُن کی شخصیت کے فنّی اَور تخلیقی پہلو کی مزید کئی جہات ہیں۔ مثلاً وہ مصور، خطاط، اُردو اَور پنجابی کے ایک اچھے شاعر کے علاوہ جغرافیہ کے اُستاد بھی ہیں۔ اُن کا تخلص محورؔ شاید اُن کی پیشہ ورانہ اَور اخلاقانہ زندگی کا بہترین ترجمان ہے۔ جغرافیہ کا یہ سبق شاید ہی کسی نے نہ پڑھا ہو کہ زمین اپنے محور پہ گھومتی ہے ا َور اس کے ساتھ ساتھ سورج کے گرد بھی گھومتی ہے۔ اعجاز محورؔ کی شخصیت بھی اپنے محورؔ پر قائم ہے اَور مشاہدات اَور تجربات کی گردش سے گرد و پیش میں پھیلے ہوئے ذاتی، سماجی اَور سیاسی احوال، ذاتی اور اجتماعی تجربات جو کچھ اس مشاہدے میں آتا ہے، ان کے تجربات کا حصہ بنتا ہے اَور خوبصورت فنّی اظہار کے ذریعے سامنے آتا ہے۔ اب ظاہر ہے جب زمین سورج کے گرد گردش کرتی ہے تو کبھی اس کا کچھ حصہ روشنی میں آتا ہے اور کچھ حصہ اندھیرے میں چلا جاتا ہے۔ اعجاز محورؔ کی شاعری اس طلوع و غروب کا منظر پیش کرتی ہے۔ چنانچہ ان کے تازہ شعری مجموعے ‘’دشتِ گُریز’‘ میں یہی طلوع و غروب دکھائی دیتا ہے۔ روشنی جو اُمید، کامیابی اَور امکانات کے در کھولتی ہے اَور اندھیرا جو وقتی طور پر اِن روشن راستوں کو ڈھانپ لیتا ہے۔ یہ بات میں نے اسلیے کہی کہ محورؔ کی شاعری میں سورج، روشنی، سمندر، چاند، ستارے، بادل، جگنو، تتلیاں، آسمان، پرندے اَور اِن کی پرواز، سب اُمید و رجا اَور امکانات کی علامات اَور استعارے ہیں۔ اور ہمیں اگر بے بسی اَور مایوسی نظر آتی ہے تو وہ اسی انداز میں ہے جس طرح زمین کا کچھ حصہ عارضی طور پر اپنی گردش سے مجبور ہو کر اندھیرے میں داخل ہوتا ہے مگر اس کے بعد پھر روشنی میں آ جاتا ہے ۔
زندگی اَور اِس کے خارجی مظاہر میں اِس قدر تنوع اَور رنگا رنگی ہے کہ اِس کو سمیٹنا دشوار ہوتا ہے۔ ایک عام انسان اِن مظاہر کو جُوں کا تُوں دیکھتا ہے مگر ایک شاعر یا فنکار ان کو اپنے تجربے اَور بصیرت کی چھلنی سے گُزار کر ایک نئے رنگ میں پیش کرتا ہے اور یہی فرق ایک فنکار کو عام آدمی سے منفرد اَور ممتاز بناتا ہے۔ چنانچہ اعجاز محورؔ نے اپنے گرد و پیش میں پھیلے اَور رونما ہونے والے واقعات اَور حادثات کو تخلیقی اظہار کے ذریعے اپنے منفرد انداز میں پیش کیا ہے۔ خارج کو اپنے ذاتی مشاہدے اَور تجربے کا حصہ بنا کر یا خارج کو اپنی داخلی آنکھ سے دیکھ کر بیان کرنا آسان نہیں اس لیے بعض اوقات اِس سے شاعر پر نرگسیت یا ہر شے کو اپنے ذاتی حوالے سے دیکھنے کا الزام لگا دیا جاتا ہے، جب کہ ایک اچھا شاعر یہ کوشش کرتا ہے کہ وہ اپنے ذاتی تجربے کو اجتماعی تجربہ بنا دے۔ اعجاز محورؔ کے بہت سے اشعاراس لحاظ سے جہاں ان کے ذاتی تجربے اَور مشاہدے کے ترجمان ہیں، وہاں وہ اجتماعی تجربے کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
مجھے اعجاز محورؔ کے اس مجموعے کے مطالعے سے بڑی حیرت ہوئی ہے کہ اُنہوں نے اپنے کلام کا بہت کڑا انتخاب کیا ہے۔ ان کی کئی غزلیں میں نے پہلے بھی پڑھی اَور سنی ہیں مگر وہ اس کتاب میں شامل نہیں ہیں۔ شاید اُنہوں نے اِن کو اس مجموعے میں اس لیے شامل نہیں کیا کہ وہ ان کے خیال میں اِس کتاب کے مجموعی تاثر سے ذرا مختلف تھیں۔ مگر میرا خیال ہے کہ ان کے بہت سے خوبصورت اشعار ان کے انتخاب کی نذر ہو گئے ہیں مگر اس کا یہ فائدہ ضرور ہوا ہے کہ ‘’دشتِ گُریز’‘ میں ایک مجموعی تاثر اَور داخلی آہنگ نظر آتا ہے۔
بیشتر شعراء کی شاعری کا ایک بڑا حصہ بالعموم رومانویت سے معمور ہوتا ہے اَور وہ اُنہیں بہت عزیز ہوتا ہے، میں توقع کر رہا تھا کہ اس کتاب میں بھی روایتی رومانویت سے بھر پور اشعار کثرت سے ہونگے، مگر کتاب دیکھ کر اندازہ ہوا کہ ایسے زیادہ تر اشعار اُن کے کڑے انتخاب کی نذر ہو گئے اور انسانی زندگی کے اس اہم تجربے سے متعلق ان کی زیادہ تر وہی غزلیں اور نظمیں اس کتاب میں شامل ہو سکیں جو روایتی رومانویت سے ذرا ہٹ کر ایک وسیع تر انسانی تجربے کا اظہار ہیں اور اگر ان میں روایت معنوی طور پر موجود بھی ہے تو اندازِ بیان نے اس کو مکمل طور پر روایتی نہیں رہنے دیا۔ مثلاً محبت کو ‘’برمودا مثلث’‘سے تعبیر کرنا ایک منفرد بات ہے۔ معلوم سے نا معلوم کا یہ سفر ہی کائنات کا سب سے بڑا استعارہ ہے اور سب سے بڑا سفر ہے۔ محبت ایک معلوم تجربہ ہے مگر اس کو ‘’برمودا مثلث’‘ کا نام دینا پڑھنے والوں کوکسی نا معلوم کی دریافت کا راستہ دکھاتا ہے کہ آخر یہ ‘’برمودا مثلث’‘ ہے کیا چیز؟۔ ۔ اور انکشاف ہونے پر ایک نیا جہانِ معانی سامنے آتا ہے۔ یہ محبت کے جذبے کی کیفیات کی ایک انوکھی اور اچھوتی معنویت ہے جو اگرچہ نئی نہیں مگر اس کو بیان کرنے کا انداز نیا ہے۔ (نظم:مجھے اُس سے محبت ہے)۔
دیگر نظموں میں ‘’بچھڑنا تو ضروری ہے’‘، ‘’تجھ سے بچھڑ کر’‘، ‘’ کہاں ہو تُم’‘، ’‘ تتلیوں کی قبریں ‘‘، ‘’ پانچواں دن’‘، ‘’سمندر کے سفر پر تم اگر نکلو’‘، بظاہر ذاتی تجربات کی عکاسی کرتی ہیں مگر ان میں بہت سے لوگوں کے تجربات کی ایک اجتماعی جھلک بھی نظر آتی ہے۔ اِن کے علاوہ’‘ مرے ہمدم ستارے’‘، ‘’ کچھ جاننے کی خواہش’‘، ‘’ کہانی بن ہی جائے گی’‘، ‘’خلاؤں میں جو بستے ہیں ‘‘، ‘’شاہی قلعے کے نام’‘، ‘’تیسری آنکھ کا منظر ‘‘، ‘’روہتاس‘‘، ‘’ابرہہ کا دوسرا حملہ’‘، ’‘ انصاف دو’‘، ‘’احساسِ زیاں کے بعد کی نظم’‘۔ ۔ ۔ جیسی نظمیں شاعر کے اِن مشاہدات اَور تجربات کا اظہار ہے جو معاشرتی تبدیلی کی خواہش، قومی امور میں غیر ملکی مداخلت، اجتماعی تاریخی شعور اَور زندگی کے نئے امکانات کی تلاش اَور جستجو سے متعلق ہیں۔ اَور ان کے ذریعے شاعر نے اس اجتماعی احساس کو زبان دی ہے جو شاید ہم سب کے اندر کلبلاتا ہے اور ہمیں بے چین رکھتا ہے مگر ہم اس کے اظہار پر قادر نہیں یا اس کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ جہاں تک غزلوں کا تعلق ہے، وہ بھی ایک مجموعی تاثر و موڈ سے عبارت نظر آتی ہیں جبکہ غزلوں میں داخلی ہم آہنگی پیدا کرنا بہت دشوار ہوتا ہے۔ غزلوں کے اشعار میں شاعر کے ذاتی تجربات و مشاہدات کا اظہار فطری بات ہے اس لئے کہ غزل ان کے لیے بہترین صیغہِ اظہار ہے۔ مگر ذاتی تجربات کو اجتماعی تجربے کا حصہ بنا کر اس طرح پیش کرنا کہ وہ سب کو اپنا تجربہ محسوس ہوِآسان نہیں ہوتا۔ تا ہم اعجاز محورؔاس کوشش میں، جو عین ممکن ہے غیر شعوری ہو، بڑی حد تک کامیاب نظر آتے ہیں۔ نئے موضوعات سامنے لانا یا روایتی موضوعات کو نئے انداز میں پیش کرنا، ایک اچھے شاعر کی علامت ہے۔ اعجاز محورؔ کے ہاں مفہوم اَور اسلوب کا یہ سلیقہ جگہ جگہ نظر آتا ہے۔ اُن کی غزلوں میں بھی نظموں کی طرح سورج، سمندر، چاند، ستارے، تتلیاں، جگنو، روشنی، جھیلیں، آسماں جیسی علامتیں، استعارے اَور امیجز کثرت سے نظر آتے ہیں جو معانی اَور، مفاہیم کے نئے در وا کرتے ہیں اَور نظموں کی طرح غزلوں میں بھی اُن کے ذاتی تجربات اَور مشاہدات اس انداز میں جھلکتے ہیں کہ وہ بہت سے لوگوں کے دلوں کی دھڑکنوں کے ترجمان اَور احساسات و جذبات کے عکاس بن جاتے ہیں۔ پڑھنے والے خود محسوس کر سکتے ہیں کہ کونسی بات اُن کے دل کی ترجمان ہے۔ یہاں تو محض نمونے کے چند اشعار پیش کیے جا سکتے ہیں :
مجھ کو سورج کی خریداری نے برباد کیا اب مرے گھر میں کوئی چاند اُترتا ہی نہیں
روشنی اتنی ہے گلیوں میں کہ ڈر لگتا ہے صبح ایسی ہے کہ کچھ بھی نظر آتا ہی نہیں
بند دروازوں میں ہے قید خموشی گھر کی کون کہتا ہے یہاں پر کوئی رہتا ہی نہیں
چمکتا ہے جو مدھم سا ستارا روشنی کا بہت ہے اک مسافر کو سہارا روشنی کا
مرا سایا مرے اندر سمٹتا جا رہا ہے مرے چاروں طرف ہے ایک دھارا روشنی کا
کچی نیند کا ایک سنہرا سپنا بھول گیا ایسا ڈر کے جاگا برسوں سونا بھول گیا
تصویروں میں قید رہی مُردہ سالوں کی دھوپ تصویروں سے باہر زندہ لمحہ بھول گیا
اُس کو دیکھا تو جیسے سب سمتیں بھول گئیں اپنے گھر کا رستہ شہر کا نقشہ بھول گیا
گھر سے دفتر کے رستوں میں ایسے کھوئے لوگ کوئی اپنا کام تو کوئی رشتہ بھول گیا
شہر میں بجلی گئی تو آہٹیں گھر آ گئیں دیکھتے ہی دیکھتے گلیاں سڑک پر آ گئیں
جگنوؤں کے ساتھ شب بھر جاگنے کے شوق میں تتلیاں سب چھوڑ کر پھولوں کے بستر، آ گئیں
تسلسل روشنی اور فاصلے کا معمہ ہے ہمارے قافلے کا
مجھے تحلیل کر دو روشنی میں سفر درپیش ہے اب کچھ پرے کا
غزلوں اور نظموں کے علاوہ ‘’دشتِ گُریز’‘ میں ہائیکو، ماہیے، رباعیات، دوہے اور ‘’تسّر ‘‘(غالباً شاعر کی اپنی ایجاد) کا انتخاب شامل ہے۔ کئی برس پہلے اعجاز محورؔ نے اپنے پنجابی شعری مجموعے ‘’ وگدا پانی تردے پتر’‘ میں بھی تسّر کے کچھ نمونے پیش کیے تھے۔ یہ اُسی تجربے کا تسلسل ہے۔ ‘‘وگدا پانی تردے پتر ‘‘ سے ‘’ دشت گُریز’‘ تک ایک طویل فاصلہ ہے۔ اس عرصہ میں شاعر نے بہت کچھ لکھا مگر جو شائع کیا وہ کڑے انتخاب کے بعد کیا۔ مجموعی لحاظ سے ‘’ دشتِ گُریز’‘ شعری مجموعوں میں ایک نیا مگر منفرد اضافہ ہے، جو اپنے اندر امکانات کے کئی پہلو سموئے ہوئے ہے جو قاری کے لیے یقیناً دلچسپی کا باعث ہونگے۔ کتاب کا ٹائٹل شاعر کے اپنے مصورانہ ہنر کا نمونہ ہے جو بھر پور انداز میں کتاب کے موضوعات کا احاطہ کرتا ہے۔
٭٭٭

برطانیہ میں اردو کے شعراء و ادیب

یعقوب نظامی (بریڈ فورڈ۔ برطانیہ)

برطانیہ میں اردو کے ایک ہزار کے لگ بھگ شاعر موجود ہیں۔ اکثریت برصغیر سے نقل مکانی کر کے یہاں آ کر آباد ہوئی۔ ان میں سے چند ایک کی شہرت برصغیر تک ہے۔ کچھ برطانیہ کی سطح تک جانے پہچانے جاتے ہیں جبکہ اکثریت کی شہرت اپنے شہروں تک محدود ہے۔ برطانیہ کے مختلف شہروں میں مشاعرے منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ جن میں ہند و پاک کے بڑے بڑے شعرا شرکت کرتے ہیں۔ ایسے مشاعرے زیادہ تر حکومت برطانیہ کی طرف سے ملنے والی مالی مدد کی وجہ سے منعقد ہوتے ہیں۔ اس طرح مہمان شعرا کو سفری اخراجات اور جیب خرچ کے جہاں پیسے ملتے ہیں وہاں مقامی لوگ شعرا کا کلام سن کر اور اُن سے ملاقاتیں کر کے خوش ہو جاتے ہیں۔
سنا ہے کہ تعاون امداد باہمی اور دولت کے کرشمے کی بدولت بیرون ملک آباد غیر معروف شعرا کے دیوان بھی جادو کے کرشمے کی طرح شائع ہو جاتے ہیں۔ جن پر فلیپ بھی نامور لوگوں کے لکھے ہوتے ہیں۔ جو پتہ نہیں مروت میں یا پھر دولت کے زور پر لکھ کر دے دیتے ہیں۔ ایسے شعرا کے مجموعہ کلام پر مبنی کتابوں کی حکومتی گرانٹ سے تقریب رونمائی بھی منعقد ہوتی ہیں۔ جن میں کبھی کبھار برصغیر کے نامور نقاد بھی تبصرے کر دیتے ہیں۔ سناہے نامور نقاد سلیم احمد ایسی کتابوں پر تبصرے کیلئے جب سٹیج پر بلائے جاتے تھے تو وہ خود کلامی کے انداز میں بڑبڑایا کرتے تھے کہ: ‘’ اللہ معاف کرے آج پھر جھوٹ بولنا پڑے گا۔ ‘‘
برطانیہ میں نئے نئے صاحب دیوان شعراء اپنے دیوان ہاتھوں میں لیے جب مشاعروں میں شرکت کرتے ہیں تواُن کی علمی قابلیت کا راز جاننے والے زیر لب مسکراتے ہیں۔ اور پھر چہرے پر سنجیدگی طاری کر کے مبارک باد دیتے ہیں۔ صاحب دیوان شعراء اگرچہ یہ سوچتے ہیں کہ ‘’ سخن مشتاق ہے عالم ہمارا ‘‘ لیکن جوں ہی کسی دوسر ے شاعر کا دیوان شائع ہوتا ہے پہلے شاعر کی گونج فضاء میں تحلیل ہو جاتی ہے۔ اور لوگ اُس دیوان کا ایک شعر کیا دیوان کا نام بھی بھول جاتے ہیں۔ ایسے میں ہم الزامات کتابیں نہ پڑھنے والے قارئین یا کمپیوٹر کے میدان میں آنے کی بدولت بدلتے حالات کے سر تھوپتے ہیں۔ جو الزام صحیح نہیں۔ جان دار شاعری اور ادب تو اب بھی اہل ذوق ڈھونڈ ڈھونڈ کر پڑھتے ہیں۔
برطانیہ میں ‘’ فیکسی شاعروں ‘‘ ( ایسے شعرا جو برصغیر کے شعرا سے کلام خریدتے اور بذریعہ فیکس برطا نیہ منگوا کر مشاعروں میں پڑھتے اور خوش ہوتے ہیں ) کی اکثریت ہے۔ جو مشاعروں کو گرم کرنے کیلئے اپنے زر سے خریدے ہوئے کلام کو پڑھ کر جہاں خود خوش ہوتے ہیں وہاں وہ ایک ایسا ادبی ماحول بھی بنا دیتے ہیں جہاں سینئر شعرا اپنا کلام جی بھر کر سناتے ہیں۔ ایک بار بریڈفورڈ سنٹرل لائبریری میں سیدہ شاہدہ حسن، پروفیسر گورنمنٹ عبداﷲ گرلزکالج کراچی کے ایک شعری مجموعہ کی رسم اجرا کی تقریب کے ساتھ مشاعرہ بھی منعقد ہوا۔ شعرا کلام پڑھتے اور داد سمیٹ رہے تھے۔ میں بھی سامعین میں بیٹھا ہوا تھا۔ کہ کسی نے سٹیج سکریٹری (جاوید اقبال ستار ) کو مخاطب کرتے ہوئے فرمائش کی کہ یعقوب نظامی صاحب کو بھی کلام پڑھنے کی دعوت دی جائے۔ جاوید اقبال ستار میرے دوست ہیں اور جانتے ہیں کہ میں شاعر نہیں ہوں۔ چنانچہ جاوید اقبال ستار نے کہا کہ یعقوب نظامی نثرنگار ہیں۔ شاعر نہیں۔
اس پر میں نے از راہ مذاق کہا کہ: ‘’ کوئی بات نہیں میں نے ابھی سیدہ شاہدہ حسن کی شاعری کی کتاب خریدی ہے وہاں سے کچھ پڑھ کر داد حاصل کر لوں گا۔ ’‘ اس پر سامعین نے زور دار قہقہہ لگایا۔ اور کچھ شعرا کو سر چھپاتے دیکھا۔ دوران وقفہ دو خواتین میرے پاس تشریف لائیں اور مجھ سے پوچھا کہ: ‘’ نظامی صاحب آپ کو کس نے بتایا کہ ہم نے اپنا نہیں کسی اور کا کلام پڑھا ہے’‘۔ میں بات سمجھ گیا۔ اور چہرے پر سنجیدگی طاری کرتے ہوئے کہا: ‘’ مجھے سب کچھ معلوم ہے۔ ’‘ اس پر انہوں نے وضاحت کی کہ: ‘’اصل میں انتظامیہ نے ہمیں خود کلام لکھ کر دیا تھا۔ تاکہ پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں پر برطانوی شعرا کا ایک اچھا تاثر قائم ہوسکے۔ ‘‘
‘’ فیکسی شعرا ‘‘ کے علاوہ برطانیہ میں ہمارے ہاں ایسے شاعر موجود ہیں جن کا کلام بڑا پختہ ہے۔ اور انہیں آپ برصغیر کے بڑے بڑے شعرا کے مقابلے میں کھڑا کرسکتے ہیں۔ اِن میں ساقی فاروقی، بخش لائلپوری (مرحوم )، جاوید اختر بیدی (مرحوم ) ڈاکٹر مختار الدین احمد، اکبر حیدرآبادی، یاسمین حبیب، ڈاکٹر عاصم واسطی، منصور آفاق، حفیظ جوہر اور باصر کاظمی ٭۱، کے نام شامل ہیں۔
برطانیہ میں اردو افسانہ نویسوں کی تعداد بھی تیس چالیس سے زیادہ نہیں۔ ان میں قیصر تمکین، ڈاکٹر مصطفی کریم، مقصود الٰہی شیخ، ش۔ صغیر ادیب، صفیہ صدیقی، جتندر بلو، یعقوب مرزا، جمشید مرزا، محسنہ جیلانی، ڈاکٹر فیروز مکرجی اور بانو ارشد کے نام لیے جا سکتے ہیں۔ انتہائی قلیل تعداد میں تنقید اور سنجیدہ موضوع پر لکھنے والے بھی برطانیہ میں موجود ہیں۔ ‘’کشمیر اُداس ہے’‘ کے مصنف محمود ہاشمی، جرنیلی سڑک کے خالق رضا علی عابدی اور مشہور تذکرہ نویس سلطانہ مہر ٭۲، کے نام اس حوالے سے معتبر ہیں۔
( یعقوب نظامی کی کتاب ‘’ پاکستان سے انگلستان’‘ میں سے اقتباس اشاعت سوئم 2006ئ۔ صفحہ154)
٭۱:شعراء کی اس لسٹ میں بعض نام اہم ہیں لیکن بعض نام ادب کے مرکزی دھارے میں کسی شمار میں نہیں آتے۔
٭۲:ان تینوں کے کام کی اپنی اپنی اہمیت مسلم ہے لیکن تنقید میں ان کا کوئی قابلِ ذکر کام نہیں ہے(ادارہ عکاس)
٭٭٭

ناصر نظامی کے ماہیے

امین خیال (لاہور)

ماہیے کی جوہ میں حیدر قریشی کا اگایا پیڑ اب ثمر آور اور گھنا سایہ دار بنتا جا رہا ہے۔ ناصر نظامی کو تحریک دینے والے حیدر قریشی ہیں، یہ الگ بات کہ وہ ان کی ‘’محبت کے پھول’‘ پڑھ کر پہلے ہی ماہیا نگاری کے لیے متحرک ہو چکے تھے۔ اور ایسے کہ ماہیا نگاری میں کوئی کسر ہی اُٹھا نہیں رکھی۔ ان کی ‘’یادوں کی بارش’‘ شاعری کی کتاب نہیں بلکہ ماہیا شاعری کا ایک سیلاب ہے، طوفان ہے۔ کیوں نہ ہو بارش کے بعد سیلاب ہی تو آیا کرتے ہیں۔ پھر ’‘یادوں کی بارش ‘‘ہو تو جذبات و احساسات اور افکارو خیالات کا ایسا ہڑھ تو آنا ہی تھا۔ دریاؤں کی طغیانیاں سب کچھ بہا لے جاتی ہیں مگر زر خیز مٹی چھوڑ جاتی ہیں۔ لیکن یہ طغیانی دل کا سب میل کچیل بہا لے گئی ہے اور اپنے پیچھے دل کی پُر بہار لہلہاتی کھیتی چھوڑ گئی ہے۔
میں اسے ماہیا نہیں دیوانِ ماہیا کہوں گا، وہ بھی پہلا دیوان جو کم و بیش دو ہزار ماہیوں پر مشتمل ہے۔ اور جس
میں حمدیہ، نعتیہ، مدحیہ، منقبتیہ، مذہبیہ، بہاریہ، رزمیہ، بزمیہ، رونیہ، طربیہ، نغمیہ، حزنیہ، ہجریہ، وصلیہ، دینیہ، اخلاقیہ،
سماجیہ، سیاسیہ، منطقیہ، حکمتیہ، تسلسلیہ، عددیہ، مکالمیہ، منسلاکیہ، شخصیہ اور پنجابیہ غرض ہر انواع و اقسام کے ماہیے موجود ہیں۔ میرے خیال میں اتنی بڑی اور ضخیم کتاب پاک و ہند میں اردو ماہیا پر اشاعت پذیر نہیں ہوئی ہے۔
ناصر نظامی نے کوئی گوشہ، کوئی کونہ، کوئی موضوع، کوئی بات رہنے نہیں دی، جو کہی نہ ہو۔ پھر ماہیے کی روایت کو بھی بطریق احسن نبھایا ہے۔ نئے موضوعات اختیار کر کے ان میں جدت بھی پیدا کی ہے۔ یہ بھی ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ پنجابی ماہیا کا پسارگر کھلا ہے تو اردو ماہیا کے دامن میں بھی وسعت پیدا کی جا سکتی ہے۔
ناصر نظامی ایک محبت کرنے والا بے لوث اور مخلص انسان ہے جو اپنے سینے میں ایک درد مند دل رکھتا ہے اور سب سے پیار کرتا ہے۔ محبت اس میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ اس نے چند ایک شعراء و ادباء کو چھوڑ کر جن کے ساتھ اس کے ذاتی مراسم ہو سکتے ہیں، بیشتر نہیں بلکہ ننانوے فی صد ایسے شعراء و ادباء پر شخصی خاکوں کی صورت ماہیے لکھے ہیں جن سے اس کا دور کا واسطہ بھی نہیں۔ پنجابی میں اس عمل کو ‘’سُتے پئے بال دا منہ چُمنا، نہ بال سر احسان نہ ماپیاں سر’‘کہتے ہیں۔ وہ کوئی احسان لینا بھی نہیں چاہتا۔ بس یہ اس کی اہلِ دانش سے محبت کا ثبوت ہے۔ مولا کریم ان کا یہ خلوص و محبت ہمیشہ قائم رکھے اور انہیں محبت کے ایسے مظاہروں کی توفیق مزید دے کہ بڑا شاعر اور برا فنکار انسانوں سے پیار کرنے والا ہی ہوتا ہے۔ چلتے چلتے ان کے چند ماہیے بھی سنتے جائیے۔
کوئی بات ہی کر جاتے
دل کی ہتھیلی پر
کوئی زخم ہی دھر جاتے
٭٭

سوچوں کی جلے لکڑی دل پر جال بُنے اب یادوں کی مکڑی ٭٭

دو دل جو خدا دیتا ٹوٹتا ایک اگر دوجے سے جی لیتا ٭٭٭

ٹوٹا ہوا پتہ ہوں میں تو ہواؤں کے کہنے پہ چلتا ہوں ٭٭

اک ٹہنی شیشم کی باہر جھانک ذرا کم تلخی ہو موسم کی ٭٭

مزے پیار کی قربت کے صدیوں سے بہتر دو لمحے محبت کے ٭٭

کوئی حد حدود نہیں اوہ تھاں کیہڑی اے جتھے رب موجود نہیں ٭٭

واویلا نہیں کرتا گہرا درد کبھی یوں آہیں نہیں بھرتا ٭٭

سچائی سزا دے گی ناصرؔ سے تم کو منصورؔ بنا دے گی ٭٭٭٭

مجھے جو پسند آیا وہ یوں ہے کہ:

ململ کا سوٹ لیا
پہلی نظر میں ہی
تم نے مجھے لوٹ لیا
یہ لُوٹنے کی بات بھی خوب ہے۔
جنموں سے جیتے ہیں
دور تغیر کے
ہم پر کئی بیتے ہیں

(ویسے) ہم(بھی)لکھتے لکھاتے ہیں۔ حیدر قریشی نے سبھی ماہیوں کا جیتا جاگتا انتخاب کیا ہے، پر:
حالات نے مار دیا
ہم کو غریبی کی
بہتات نے مار دیا
٭٭

تقدیر کی کٹھنائی میں نے بھائی کی دولت ہی نہیں پائی

میں چھپی محرومی کے ساتھ ساتھ یہ مخفی رجائیت اچھی لگی کہ:

گھر واپس مڑنے میں دیر تو لگتی ہے دل ٹوٹ کے جڑنے میں ٭٭٭

حیدر قریشی کی گیارہ کتابوں کے مجموعہ‘’ عمرِ لاحاصل کا حاصل’‘ پر تاثرات

اقتباس از مکتوب مقصود الٰہی شیخ بنام ناصر نظامی

[حیدر قریشی کی گیارہ کتابوں کو یکجا کر کے عمرِ لاحاصل کا حاصل کے نام سے ۲۰۰۵ء میں عوامی ایڈیشن کے طور پر شائع کیا گیا تھا۔ تب اس کتاب کے حوالے سے جو مضامین/تاثرات لکھے گئے، انہیں یہاں یکجا کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ اب ۲۰۰۹ء میں میگزین سائز کے ۶۱۶ صفحات پر مشتمل اسی کتاب کا لائبریری ایڈیشن مزید اضافوں کے ساتھ شائع ہوا ہے۔ اس ایڈیشن کے استقبال کے طور پر یہ چند مضامین اور تاثرات پیش ہیں۔ ارشد خالد]
‘’عمرِ لاحاصل کا حاصل’‘ ایک انوکھی کتاب ہے جسے ممتاز ہمہ جہت ادیب حیدر قریشی نے یادوں، غزلوں، نظموں، ماہیوں، کہانیوں، انشائیوں، خاکوں اور سفر ناموں کی صورت میں رقم کیا ہے اور پھر ان جملہ جہات کو باہم مربوط کر کے ایک ایسی خود نوشت سوانح عمری میں ڈھال دیا ہے جو اپنی انفرادیت، گہرائی اور وسعت کے اعتبار سے ایک ’‘چیزے دیگر’‘ میں منقلب ہو کر سامنے آ گئی ہے۔ شاعری، احساس، متخیلہ اور خیال کے سفر کی داستان ہے اور انشائیہ تخلیقی سطح کی فکری یافت کا بیانیہ ہے۔ جبکہ کہانی زماں کے مختلف ابعاد کی تصویر کشی کرتے ہوئے باطن اور خارج کے منطقوں کو باہم آمیز کرنے پر قادر ہوتی ہے۔ خاکوں اور یادوں کے ذریعے انسان دوسروں سے اپنے تعلقِ خاطر کو منظرِ عام پر لاتا ہے اور سفر ناموں میں زندگی کے رواں مناظر کو شخصی زاویۂ نگاہ سے گرفت میں لیتا ہے۔ غور کیجئے کہ یہ سب خود نوشت سوانح عمری کی قاشیں ہیں جنہیں اگر بکھری حالت میں رہنے دیا جائے تو مختلف اصنافِ ادب کی صورت میں دکھائی دیتی ہیں لیکن اگر انہیں سلک میں پرو دیا جائے توایک ایسی خود نوشت سوانح عمری بن جاتی ہیں جوہر اعتبار سے منفرد اور دلکش ہوتی ہے۔ یہی کام حیدر قریشی نے انجام دیا ہے اور ایک ایسی کتاب لکھ دی ہے جسے اگر ایک زاویے سے دیکھیں تو یہ مختلف اصناف میں منقسم نظر آئے جب کہ دوسرے زاویے سے دیکھیں تو یہ ایک خیال انگیز، معنویت سے لبریز تصنیف کی صورت میں سامنے آ جائے۔ حیدر قریشی نے اپنی اس زندہ رہنے والی کتاب کو ’‘عمرِ لاحاصل کا حاصل’‘ کہا ہے۔ غور کیجئے کہ اس عنوان میں لاحاصل سے حاصل تک کا سفر ایک ایسی اوڈیسی ہے جو کم کم دیکھنے میں آئی ہے۔ ڈاکٹر وزیر آغا۔ (لاہور، پاکستان)
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

حیدر قریشی کی شاعری میں بے ساختہ پن اور روانی ہے۔ ایک بار پڑھنا شروع کیا تو جی چاہا پڑھتی ہی رہوں۔ دوسرا اہم وصف بے باکی اور وارفتگی کا ہے جو حیدر قریشی کی شاعری میں نمایاں ہے۔
ڈاکٹر کرسٹینا اوسٹر ہیلڈ۔ (جرمنی) Dr. Christina Oesterheld
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
حیدر قریشی کی کہانیاں کائناتی انسان، خدا، روح، ثقافت اور ثقافتی وراثت کے ازلی سوالوں کی کہانیاں ہیں۔ ایسی کہانیاں اردو میں بہت کم لکھی گئی ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حیدر قریشی کی کہانیاں ایک نئی تخلیقی روایت کی ابتدا ہیں۔
دیوندر اِسّر۔ (دہلی، انڈیا)
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
مجھے پہلے کی طرح آپ کے کام کی صلاحیت کے معجزے پر حیرت بھی ہے اور صد رشک بھی۔ سمجھ میں نہیں آتا ہے آپ 24 گھنٹوں کو48 گھنٹوں یا اس سے بھی زیادہ کس طرح بنا لیتے ہیں ؟۔ اگلی ملاقات ہو گی(انشاء اﷲ) تو آپ سے یہ منترسیکھنے کی کوشش کروں گی۔ ڈاکٹر لڈمیلاوسیلئیوا۔ (روس)Dr.Ludmila
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
میری مادری زبان اردو نہیں اور حیدر قریشی جیسی قد آور ادبی شخصیت کے فن کے بارے میں لکھنا غیر اردو پس منظر رکھنے والے طالب علم کے لیے قطعاً کوئی آسان کام نہیں۔ مگر میں نے ان کی قیمتی کتابیں پڑھ رکھی ہیں اور ان سے لطف اندوز بھی ہوتا رہتا ہوں۔ حیدر قریشی نے کئی ادبی اصناف میں قلم اُٹھایا اور یہ بھی ثابت کیا کہ وہ جدید ارد و ادب کے ایک بڑے ادبی شہسوار ہیں جنہوں نے اپنی جمالیاتی فتوحات کے ذریعے سے اردو زبان و ادب کو توسیع دینے کا کام کیا ہے۔ ان کی کتاب ’‘میری محبتیں ‘‘میری نظر میں اردو خاکہ نگاری میں ہی نہیں مجموعی اردو ادب کی بھی ایک بڑی اہم کتاب ہے۔ ہانی السعید۔ (مصر)
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
Haider Qureshi is a breath of fresh air for our times. I am honoured to have his acquaintance. Cassandra Diane Rouson (U.S.A.)
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
‘’پرسوں کی شام میرے لیے بہت اہم اور خوش گوار تھی کہ میری ملاقات عباس رضوی صاحب سے ہوئی۔ عمرِ لاحاصل کا حاصل اور جدید ادب نے اُس رات بھی اور آج رات بھی صبح تک مجھے جگائے رکھا۔ ہمارے درمیان بہت کم ایسی ادبی شخصیات ہیں جنھوں نے ادب کے اتنے سارے منطقوں میں نہ صرف قدم رکھا بلکہ خوب خوب سیر کی اور اپنے تجربوں اور مشاہدات کو اپنے تخلیقی سفر کا حصہ بنایا۔
میں آپ کی ان کاوشوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ یوں ہی ایک اور خیال آیا ہے کہ ‘’خان پور سے جرمنی تک’‘ کا احاطہ کیجیے۔ آپ جس ڈھنگ سے کردار بناتے ہیں اور اُن کرداروں کو ایک خاص ڈھب سے کہانیوں کے نشیب و فراز سے گزارتے ہیں بہت Realisticہیں۔ ‘‘خان پور سے جرمنی تک’‘ کی ان کئی دہائیوں میں ایسے بے شمار کردار ہوں گے اورایسے دلچسپ اور صبر آزما واقعات ہوں گے جو آپ کی تخلیقی اپچ کے محتاج ہوں گے۔ ’‘
(اقتباس از مکتوب ایوب خاور بنام حیدر قریشی ۱۴؍ستمبر ۲۰۰۹ء)
٭٭٭

حیدر قریشی کی نثری و شعری کلیات عمرِ لاحاصل کا حاصل۔۔ جلوۂ صد رنگ کی عمدہ مثال

ڈاکٹر حامد اشرف
ریڈر و صدر شعبۂ اردو، ایم۔ یو۔ کا لج، اود گیر۔ مہاراشٹرا۔ (انڈیا )

(یہ مضمون کتاب مذکور کے عوامی ایڈیشن کے حوالے سے ہے)
کل ہی ’‘عمرِ لاحاصل کا حاصل’‘ ملی۔ اپنی نوعیت کی مجھے پہلی ایسی کتاب لگی جسے افطار سے پہلے اور سحرکرنے کے بعد پڑھنے کو جی چاہے۔ سنا ہے کہ مخدومؔ کی کتاب’‘سُرخ سویرا’‘کو اُن کا کوئی پرستار ‘’رحل’‘ پر رکھ کر پڑھتا تھا۔ میں سحر اور افطار کے وقت’‘عمرِ لاحاصل کا حاصل’‘کی حقیقت جان رہا ہوں۔
(ڈاکٹر حامداشرف(اودگیر، انڈیا)کی ایک ای میل بنام حیدر قریشی سے اقتباس)

دنیا نے جن ابنائے زمانہ سے علمی و ادبی فیض اٹھا یا، جن کے نقد و نظرسے شعر و ادب کی کہکشاں منور ہوئی، جن کی جولانیِ قلم کی ایک دنیا پر ستار بنی، جن کے اذہانِ تخلیق و تحقیق نے یقیں محکم اور عمل پیہم سے اصنافِ شعر و ادب کی راہیں متعین کیں، ان اہلِ قلم میں ایک نام حیدر قریشی کا بھی ہے۔ جو، بیک وقت شاعر، ادیب، ناقد، صحافی، ماہیا نگار، سفر نامہ نگار، سوانح نگار، محقق، انشا پرداز و خاکہ نگار، یاد نگار و کالم نگار بلکہ، شبدیزِ فن کے شہسوار سمجھے جاتے ہیں ۔
حیدر قریشی کا کل شعری و نثری سرمایہ بعنوان " عمرِ لا حاصل کا حاصل " بصورتِ کلیات و عوامی ایڈیشن شائع ہو چکا ہے۔ اس کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں حیدر قریشی کی شاعری، افسا نے، خاکے اور یا دیں، انشائیے، اور سفر نا مہ سے متعلق (۱۱) گیا رہ کتابوں کو یکجا پیش کیا گیا ہے، جس کی مجموعی ضخامت بارہ سو صفحات سے کسی طرح کم نہیں تھی۔ اردو ادب میں اس طرح کی پیشکش پہلی بار ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر انور سدید ( پاکستان ) کی رائے ملاحظہ ہو:
" (حیدر قریشی ) کی پو ری زندگی کا تخلیقی اثاثہ "عمرِ لا حاصل کا حاصل" کے نام سے شائع ہوا ہے، جس میں پانچ شعری مجموعے (سلگتے خواب، عمرِ گریزاں، دعائے دل، درد سمندر اور محبت کے پھول )اور چھ نثری مجموعے (افسا نے: روشنی کی بشارت، قصے کہانیاں ) انشائیے (فا صلے قربتیں ) سفر نامہ (سوئے حجاز) خاکے (میری محبتیں اور کھٹی میٹھی یا دیں ) شامل ہیں، جسے اردو ادب کا نادر، انوکھا اور منفرد تجربہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ "
(اقتباس از تبصرہ، مطبوعہ روزنامہ نوائے وقت، لاہور، سنڈے میگزین، مورخہ ۲۱؍ اگسٹ ۲۰۰۵ء )
حیدر قریشی کا تعا رف راقم السطور سے معروف ادیب و شاعر و صحافی نذیر ؔ فتح پو ری اور انٹر نیٹ کی دین ہے۔ اردو دوست ڈاٹ کام، حیدر قریشی ڈاٹ کام، حیدر قریشی اسپیسس ڈاٹ لائیو ڈاٹ کام، جدید ادب ڈاٹ کام، جیسی ویب سائٹس نے یہ احساس دلایا کہ خانپور ( پاکستان ) کی سرزمیں سے ابھرنے والا قلمکار، جرمنی میں سکونت اختیار کرتے ہوئے اردو زبان و ادب کو نئی بلندیاں فراہم کرنے اور دنیا بھر میں اردو کی پہچان انٹرنیٹ سے کروانے میں دائمی کا میا بی حاصل کر چکا ہے۔ اس کارِ خیر کے علاوہ حیدر قریشی کی تحقیقی و تخلیقی تصانیف نے انہیں شہرت و عظمت کی نئی بلندیاں عطا کیں۔
راقم السطور ادب کی دنیا کا نو آموز طالبِ علم ہے، اور حیدر قریشی صاحب کا قد ادب میں بہت اونچا ہے لیکن، مجھے یہ کہنے میں تامّل نہیں ہے کہ حیدر صاحب نے راقم سے جو رابطہ روا رکھا ہے، وہ محبانہ اور دوستانہ ہے۔ ادبی رسالہ اسباق، پونہ کے مدیر نذیر فتح پوری نے استاذی ڈاکٹر راہیؔ قریشی اور راقم السطور پر ایک گوشہ نکالنے کا اعلان کیا تو ناچیز کی حقیر خدمتِ زبان کے پیشِ نظر حیدر صاحب نے ایک خوبصورت تحریر ارسال کی، جو، ان کی سادہ لوحی اور نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کا بیّن ثبوت ہے۔
حیدر صاحب کی شعری و نثری کلیات، بلا شبہ چمنستانِ ادب کا عطر بیز، مرقعِ حسن ہے، جس کے مطالعہ سے نہ صرف نزدیک و دور کے بے شمار اہالِ اردو کے قلب و ذہن معطر ہوتے ہیں بلکہ زندگی کے بہت سے اسرارو رموز بھی ان پر کھلتے ہیں۔ جس طرح ہر زبان کے ادب کی ابتداء شعر سے ہوئی ہے، اسی طرح حیدر صاحب اپنی کلیات میں بطورِ شاعر پہلے متعارف ہوتے ہیں۔ شاعری کی یہ تعریف کی گئی ہے کہ وہ خود حسین ہوتی ہے اور حسن کو Represent کرتی ہے۔ حیدر صاحب کی سیرت و شخصیت میں حسن و عشق کے دو عظیم پہلو مو جود ہیں، اس لیے وہ ایک اچھے شاعر کے منصبِ عظیم سے عہدہ بر آ ہو سکے ہیں۔ مذکورہ با لا کلیات کے شعری مشمولات میں غزل، نظم، ماہیا، اور دو پدوں کے مطالعے سے قا ری اس کنفیوژن کا شکار ہو جاتا ہے کہ حیدر صاحب کو غزل کہنے میں مہارت ہے یا کہ نظم و ماہیا کی تخلیق پر! کیونکہ، شاعری جن لوازماتِ فن کا استعمال اور صرفِ خونِ جگر کا تقاضہ کرتی ہے، حیدر صاحب منجملۂ اوصافِ شاعری اس پر پورے اترتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری رو مان و حقیقتی"تفسیرِ غم"بن جاتی ہے۔ جہا ں غمِ جاناں و غمِ دوراں کا آفاقی اظہار بھی ہے اور محبوب کے حسن و جمال کا ایک میلہ بھی ! خصوصاً غزل کے باب میں حیدر صاحب کی افکار کی تابانی، تجربے کی شدّت، فکر کی رسا ئی، مشاہدے کی گہرائی، احسا سات کی کشادگی اور شیریں بیانی کی ایک دنیا قائل ہو چکی ہے، جو، شعرو ادب میں ان کا نام باقی رکھنے کے لیے کافی ہے۔ حیدر صاحب کی غزلوں کا سرسری مطالعہ بھی یہ ثابت کرتا ہے کہ خدا نے انہیں چشمِ بصیرت عطا کی ہے۔ جس کا اندازہ ذیل کے سہل و خوبصورت اشعار اور رواں دواں زباں سے ہوتا ہے۔
غم تمہارا نہیں جاناں، ہمیں دکھ اپنا ہے تم بچھڑتے ہو تو ہم خود سے بچھڑ جاتے ہیں
مرجھا چکے ہیں پھول تری یاد کے مگر محسوس ہو رہی ہے عجب تازگی مجھے
دل کو تو بہت پہلے سے دھڑکا سا لگا تھا پا نا ترا شا ید تجھے کھونے کے لیے ہے
پھر اس کے وصل میں کیا جانے کتنی لذت ہو گی وہ جس کا ہجر بھی لطفِ وصال رکھتا ہے
چند لمحے وہ ان سے ملاقات کے مری سا نسوں میں برسوں مہکتے رہے
نہیں ہے کوئی بھی امید، جس کے آنے کی دل اس کے آنے کے سو سو قیاس رکھتا ہے
کر دیا ہے اس نے کن خوش فہمیوں میں مبتلا اس کے خالی خط کے معنی ڈھونڈتا رہتا ہوں میں
وہ چاند، وہ گلاب، وہ پتھر، وہ آگ بھی جیسی مثال دیجیے، بر حق مثال ہے
نہ پورا سوچ سکوں، چھو سکوں، نہ پڑھ پاؤں کبھی وہ چاند، کبھی گل، کبھی کتاب لگے
اس کی چیخوں کی صدا آج بھی آتی ہے مجھے میں نے زندہ ہی تری یاد کو دفنایا تھا
مرے ہی خواب کنوارے نہیں رہے اب تو کہ آرزوئیں تری بھی بیاہیاں نہ گئیں
وہ پتھر دل سہی لیکن، ہمارا بھی یہ دعویٰ ہے ہمارے لب جنہیں چھو لیں، وہ پتھر بول اٹھتے ہیں
شرطوں پہ محبت کی کوئی بات نہ کرنا یہ تیرا طلب گار شہنشاہ نہیں ہے
صرف یہ عمرِ گریزاں ہی نہیں کرتی اداس مرا ہنستا ہوا بچپن بھی رلاتا ہے مجھے
حیدر قریشی کی ماہیہ نگاری بھی غم و نشاط کی مخصوص کیفیت کا برملا اظہار اور تاثر کا دوسرا نام ہے، یہاں بھی ان کی زباں صاف، رواں دواں اور سیدھی سادھی ہے۔ غزلوں کی طرح ماہیوں میں بھی ایہام کہیں نہیں ہے اور پونے تین مصرعوں کے ماہیوں میں بھی مو سیقیت کا عنصر صاف نظر آتا ہے۔ صنفِ ماہیا نگاری پر حیدر صاحب نے اردو میں ماہیا نگاری اردو ماہیے کی تحریک، اور اردو ماہیے کے بانی ہمت رائے شرما، جیسی تصانیف سپردِ قلم کر کے پو ری اردو دنیا سے خراجِ تحسین وصول کیا ہے اور اپنی کلیات میں (۲۹۲) ماہیے ندرتِ تخیل، بصیرت افروز مشاہدہ اور تفحصِ الفاظ کے سہارے ماورائے ذہن ہو کر تخلیق کیے ہیں، جو جینے کا سلیقہ اور مرنے کا ادب سکھاتے ہیں، چاہنے اور چاہے جانے کا درس دیتے ہیں۔ ان ماہیوں کے ذریعے حیدر صاحب نے اپنے پڑھنے والوں کو عشق و آگہی کی دولت عطا کرتے ہوئے ان کے قلب و ذہن کے مصفّیٰ ہو نے کا موقع فراہم کیا ہے۔

رخصت کی گھڑی آئی دل ماں کا دھڑکا آنکھوں میں جھڑی آئی ٭٭

ناکامی سے ڈرتے ہو عشق بھی کرتے ہو بدنامی سے ڈرتے ہو ٭٭

کچھ رشتے ٹوٹ گئے برتن مٹی کے ہاتھوں سے چھوٹ گئے ٭٭

کچھ من کی خرابی تھی کچھ اس چہرے کی رنگت بھی گلا بی تھی ٭٭

جنموں کی اداسی ہے جسم ہے آسو دہ پر روح تو پیا سی ہے ٭٭

نیت تھی مری کھوٹی تم بھی تھے آمادہ اور کھلتی گئی چوٹی ٭٭

تو کس کا سوا لی تھا دامنِ دل جس کا خود اپنا ہی خالی تھا ٭٭

نہیں، ہم نہیں روئے تھے چاند کی کرنوں میں کچھ موتی پروئے تھے ٭٭

کہا جاتا ہے صحبت کے اثر سے آدمی کیا درو دیوار بدل جاتے ہیں۔ حیدر صاحب نے بھی نابغۂ روزگار ڈاکٹر وزیر آغا (پاکستان) کی علمی صحبتوں سے بہت کچھ سیکھاہے۔ وہ اپنی تصنیف ڈاکٹر وزیر آغا۔ عہد ساز شخصیت، میں رقمطراز ہیں کہ : ‘’الہٰیاتی مسائل، روح کی حقیقت، انسان کی مخفی قوتیں اور کائنات کی بے پناہ وسعتیں، ان موضوعات پر ان سے کھل کر باتیں کی ہیں۔ بعض ایسی باتیں جو اپنے آپ سے کرتے ہوئے بھی خوف محسوس ہوتا ہے، وزیر آغا سے بے خوف ہو کر کی ہیں اور ان کی گفتگو سے بہت کچھ حاصل کیا ہے۔ ’‘
(وزیر آ غا۔ عہدساز شخصیت۔ ص ۴۔ نا یاب پبلی کیشنز، خان پور ۱۹۹۵ء)
حیدر صاحب کی زمین و زماں کی معلومات ہی نثر و نظم میں ڈھل کر کلیات بن گئی ہیں۔ جس میں حیدر صاحب کی (۳۰) نظمیں، بہر حال اپنے حسن کا جادو جگاتی ہیں۔ موجودہ زمانے میں نظم کی کوئی ہیئت مقرر نہیں ہے۔ کوئی بھی خیال تسلسل اور واقعہ کے سا تھ پیش کیا جائے تو وہ نظم ہے۔ حیدر صاحب کی نظموں کے بارے میں یہی کہا جا سکتا ہے اور ان کی نظموں کو ان کے ذ ہنی اور سوانحی حالات کی روشنی میں بآسانی سمجھا اور پرکھا جا سکتا ہے۔ پھاگن کی سفاک ہوا، ایبٹ آباد، دعا گزیدہ، میں پھر آنسوؤں کا گلہ گھونٹ دوں گا، مبارک باد اور پرسہ جیسی نظموں سے حیدر صاحب کی زندگی ایک کھلی کتاب بن جاتی ہے جس کی ہر سطر سے سادگی، فکر کی رسائی اور عزم کی بلندی کا اظہار ہوتا ہے۔ حیدر صاحب کی نظم نگاری پر ڈاکٹر سعادت سعید، شعبۂ اردو۔ انقرا یونیورسٹی، ترکی، کی رائے ملاحظہ کیجیے۔
حیدر قریشی اس امر سے آگاہ ہیں کہ صنفِ نظم میں ذاتی اور اجتماعی کیفیات متنوع پیرا یوں میں اجاگر ہو سکتی ہیں۔ اس میں جذبے، تخیل اور فکر کی ترکیبی وحدت کی بنیاد پر، پر قوت اظہار کے دریچے وا ہوتے ہیں۔ حیدر قریشی صنفِ نظم کی مطلوبہ و ملزمہ کلّی وحدت کا اہتمام اس طور سے کرتے ہیں کہ اس کے اجزاء کا حسن اور تاثر بر قرار رہتا ہے۔
(پیش لفظ۔ حیدر قریشی کی ادبی خدمات۔ پرو فیسر نذر خلیق۔ مطبوعہ میاں محمد بخش پبلشرز۔ خانپور۔ ۲۰۰۳ء)
حیدر صاحب اپنی نظموں میں غمِ عشق سے زیادہ غمِ دنیا کا اظہار کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یعنی عشق بلائے جان ہے۔ مگر اس کی جان ( دنیا ) اس سے بھی زیادہ آفتِ ہوش و ایماں ہے۔ ذیل میں حیدر صاحب کی دو نظموں کے دو مختصر حصے بطورِ نمو نہ پیش ہیں۔
؎ذرا پھر دل کے دریا میں اتر کر
اپنی نم آنکھوں سے تھو ڑا مسکرا ؤ
اور پھر سو چو!
زمیں، پانی، فضاؤں تک
جہاں بھی زندگی ہے
اس ہوا کی حکمرانی ہے
ہوا نہ ہو اگر تو زندگی معدوم ہو جائے
ہوا نا گن سہی، ڈائن سہی، لیکن
ہوا تو زندگی بھی ہے!!( نظم: ہوا )
٭٭٭٭

ڈرتا ہو ں تیرے قُرب سے پتھرا نہ جاؤں میں
میں چاہتا ہوں صرف تجھے سوچتا رہوں
جب جانتا ہوں دل ترا ہے پتھروں کا ڈھیر
پھر آئینۂ روح کیوں ٹکراؤں گا بھلا؟
تسخیر کر کے میں تجھے کیا پاؤں گا بھلا؟
اچھا ہے تجھ کو دور سے ہی دیکھتا رہوں
اچھا ہے تجھ کو دور سے ہی سوچتا رہوں !
(نظم چاند کی تسخیر کے بعد)
حیدر صاحب کے دو افسانوی مجموعے بھی شاملِ کلیات ہیں۔ بیشتر افسانے غم کے ساتھ خوشی اور خو شی میں غم کی کیفیات پیش کرتے ہیں۔ ویسے بھی حیدر صاحب کی شاعری ہو کہ افسا نہ نگاری، انشائیے ہوں کہ خاکہ نگاری، سفر نامے ہوں کہ کا لم نگاری، سبھی ایک خاص ذہن کی پیداوار محسوس ہوتے ہیں۔ حیدر صاحب کی تحریر کی یہ خاصیت ہے کہ وہ ہنسنے میں رونے کو، چلنے میں ٹھہرنے کو، خاموشی میں آواز کو اور زندگی میں موت کو ڈھونڈتے ہیں اور ان کی تحریر کا سکوت بھی صدائے باز گشت بن جاتا ہے۔ حیدر صاحب نے زیرِ عنوان روشنی کی بشارت اور قصے کہانیاں، جملہ (۲۵) افسا نے تحریر کیے ہیں، جس میں چند ایک کے علاوہ سبھی افسانے ہماری توجہ مرکوز کرنے میں کامیاب ہیں اور بلا مبالغہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان افسانوں کا مطالعہ کلاسکیت اور جدیدیت کا منفرد طرزِ اظہار ہے۔
ادب کی ایک اہم صنف خاکہ نگاری بھی ہے۔ اردو میں یہ صنف اپنے لکھنے والوں کی جگر کاوی و جگر سوزی سے بے اعتنائی کے لیے گلہ گزار ہے۔ خاکہ نگاری طنز و مزاح کے ساتھ ساتھ خاکہ نگار کی ظرافت و فراست کا مطالبہ کرتی ہے۔ حیدر صاحب کی فطرت میں حسِ مزاح مو جود ہے، جس کی وجہ سے ان کی تحریر میں مزاح ایک تبسمِ زیرِ لب کا سا مان فراہم کرتا ہے۔ اس صنف کے بارے میں وہ خود یہ کہتے ہیں کہ:
‘’خاکہ نگاری نہ تو شخصیت کی خاک اڑانے کا نام ہے اور نہ شخصیت پر خاک ڈالنے کا نام ہے، بلکہ یہ تو پلِ صراط پر سے گزرنے کا عمل ہے، جبکہ ادیب نما صحافیوں کے خاکے سرکس کے رسّوں پر چلنے کا منظر دکھاتے ہیں۔ ’‘
( بلند قا مت ادیب، اکبر حمیدی۔ میری محبتیں، ص ۱۴۸۔ عمرِ لا حاصل کا حاصل۔ ۲۰۰۵ء)
حیدر صاحب کی کلیات مذکورہ میں زیرِ عنوان میری محبتیں، (۲۰) خاکے ملتے ہیں، جس میں (۱۰) خاکے، اول خویش کی ذیلی سرخی کے سا تھ خون کے رشتوں والے ممدوحین پر اور (۱۰) خاکے بعدِ درویش کے عنوان سے علمی و ادبی شخصیتوں پر پیش ہوئے ہیں۔ سبھی خاکے زندگی کی حرارت اور زمانے کی نیرنگی کے ساتھ ساتھ حیدر صاحب کے افکار و فن اور نازک خیالی کا اظہار ہیں۔ بعض مقامات پر موصوف کی تحریر اس قدر کربناک ہو جاتی ہے کہ ان کے آنسوؤں کی نمی ہمیں اپنی آنکھوں میں محسوس ہونے لگتی ہے اور سادہ واقعات بھی اسلوبِ بیان کے باعث حقیقت نگاری کی شان حاصل کر لیتے ہیں۔
حیدر صاحب نے بعنوان کھٹی میٹھی یا دیں، تصنیف کے ذریعے ایک نئی صنف " یاد نگاری" کی اردو میں بنا ڈالی ہے۔ جس میں (۱۳) مضامین مو جود ہیں، جو یہ ثا بت کرتے ہیں کہ ادب مسرت زائی کا سر چشمہ ہے۔ ان مضامین میں واقعات کی پیش کشی اور اسلوبِ نگارش کی شان پوشیدہ ہے، جس سے حیدر صاحب کے دل کی مخفی دھڑکنوں کا اظہار ہوتا ہے۔
حیدر صاحب کی ایک انشائیہ تصنیف زیرِ عنوان’‘ فاصلے، قربتیں ‘‘ بھی مذکورہ کلیات میں شا مل ہے۔ جس میں جملہ دس انشائیے بیان ہوئے ہیں۔ جو لوگ سوچنے، سمجھنے کا سلیقہ اور منا سب و متوازن رائے قائم کرنے کا نظریہ رکھتے ہیں، وہ کسی بھی معاملے کی گہرائی اور گیرائی تک پہنچتے ہیں۔ انسان جس طرح مناظرِ فطرت اور چاند ستاروں سے متاثر ہوتا ہے، اسی طرح وہ اپنی گردو پیش کے اشیاء و مظاہر بھی متاثر ہوتا ہے۔ انہی اشیا ء و مظاہر کا حسین اظہار حیدر صاحب کے انشائیے ہیں۔
سفرِ حج اور سات عمرے کی یاوری بھی حیدر صاحب کا قابلِ رشک نصیب ہے۔ زیرِ عنوان ‘’سوئے حجاز ‘‘ حیدر صاحب کی مکہ مکرمہ اور مدینہ شریف کے زیارتوں کا سفر نامہ تصنیف کیا ہے۔ یہ تصنیف موصوف کے شعری و نثری کلیات کا آخری حصہ ہے۔ جس میں حیدر صاحب نے مقاماتِ سفرِ حج اور سات عمروں کی ادائیگی کے تاثرات، طور طریقے، فرائض و سنن کو کائنات اور اپنی ذات کے تناظر میں دیکھا، محسوس کیا اور پیش کیا ہے اور یہ ایک ایسا وصف ہے، جو ارفع و اعلی ٰ احسا سات کے بغیر پیدا نہیں ہو تا۔ مذکورہ کلیات میں کعبہ شریف سے متعلق چند ماہیے، اور نعتِ شریف بھی قابلِ ذکر ہیں۔
ما ریشس میں عالمی اردو کا نفرنس اور پروفیسر نذر خلیق کا حیدر قریشی سے مکالمہ بھی کلیاتِ بالا کی مشمولات ہیں۔ حیدر صاحب کی نثری و شعری کلیات یہ بتاتی ہے کہ اگر" عمرِ لا حاصل کا حاصل "چاہتے ہو تو اردو شعرو ادب کو اپنی زندگی کا ما حصل بنا لو۔ کیونکہ، اردو شعرو ادب صرف شعرو ادب نہیں ہے بلکہ، آبِ حیات ہے، جس کو پی لینے سے قوم مر نہیں سکتی۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ حیدر صاحب نے نظم و نثرِ اردو کی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ جرمنی کے ماحول میں ان کا مسلسل مصروفِ شعرو ادب رہنا موجبِ صد تحسین ہے اور ان کی عمرِ لا حاصل کا پیمانہ فکر و نظر کی دولت سے بھرا ہوا تہذیبی ورثہ ہے۔ ٭٭٭

میں انہیں (حیدر قریشی کو)مغربی دنیا میں اردو کا سب سے بڑا ادیب مانتا ہوں اور ان کی صلاحیتوں کے سامنے اپنی ہیچ مدانی کا اعتراف کرتا ہوں۔ حیدر، ون مین ادبی رائٹنگ کی انڈسٹری ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میرے برخوردار ہیں۔ مجھ سے عمر میں دس برس کم، لیکن کام و صلاحیت میں سو سال بڑے۔ حیدر قریشی سے میرا سب سے بڑا رشتہ و تعلق یہ ہے کہ وہ میرے سب سے عزیز استاد اور دوست پروفیسر ناصر احمد کے بھانجے اور داماد ہیں۔ اسی رشتے نے مجھے ان کے پاس جرمنی پہنچایا۔ پھر ان کی علمی و ادبی فتوحات کے درجہ و دائرہ کو دیکھا تو ماننا پڑا کہ ہم تو ساری عمر گھاس ہی کاٹتے رہے ہیں۔
(ڈاکٹر ظہور احمد اعوان کے کالم ‘’دل پشوری’‘سے اقتباس۔ مطبوعہ روزنامہ آج پشاور۔ یکم جنوری ۲۰۰۹ء)
٭٭٭

حیدر بھائی پر ایک ادھورا مضمون ‘’عمرِ لا حاصل کا حاصل’‘ کے تناظر میں

نصرت ظہیر مدیر سہ ماہی ادب ساز، دہلی

حیدر بھائی سے میری پہلی سیدھی ملاقات اس وقت ہوئی جب ایشیا محو خواب تھا اور جرمنی جاگ رہا تھا۔
اصولاً یہ وہ ساعت تھی جو شاعرِ مشرق کو میسر آتی تو وہ مردِ مومن کو جگانے کے لئے ایک اور معرکۃ الآرا نظم یا مثنوی کہہ ڈالتے۔ لیکن شکر ہے کہ ہم دونوں میں کوئی شاعرِ مشرق تو کیا شاعرِ شمال مشرق بھی نہیں تھا ورنہ اقبالیات کے ماہرین کو اپنی قابلیت جھاڑنے کیلئے ایک اور اقبالی تخلیق کا حوالہ دینا پڑ جاتا۔ ہم دونوں حضرات اس وقت اپنے اپنے کمپیوٹر کے سامنے بیٹھے تھے، اور کوئی نظم کہنے کی بجائے ایک دوسرے کو ای میل بھیج رہے تھے۔ انٹرنیٹ پر اس ملاقات کا سبب میرا وہ مضمون بنا، جو میں نے گوپی چند نارنگ صاحب کو پدم بھوشن کا اعزاز ملنے پر دئے گئے ایک استقبالیہ میں پڑھا تھا اور جسے سُن اور پڑھ کر نہ صرف نارنگ صاحب کے مداح خوش ہوئے تھے بلکہ ان کے مخالفین میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
مداح اس لئے خوش ہوئے کہ اُنہیں اس میں صرف نارنگ صاحب کی تعریف نظر آئی۔ جب کہ مخالفین کو مضمون کا مزا اُن چٹکیوں میں آ یا جو بھری تو گئی تھیں ہنسانے کے لئے مگر اُنہیں ان میں اپنی پسند کے نارنگ مخالف رنگ زیادہ دکھائی دئیے۔ یعنی جس کی جیسی روح تھی اسے ویسے فرشتے نظر آئے۔ رہ گئے نارنگ صاحب، تو میرا خیال ہے وہ ابھی تک بھی طے نہیں کر پائے ہیں کہ اسے مدح کے زمرے میں رکھیں یا مذاق کے۔ جہاں تک خود میرا خیال ہے تو خدا گواہ ہے کہ میں نے وہ مضمون نیت باندھ کر ان کی مدح میں تحریر کیا تھا۔ البتہ عنوان نے کچھ کنفیوژن پیدا کر دیا۔ میں نے عنوان رکھا تھا ‘’نارنگ صاحب کا تخلیقی اسلوب‘‘۔ عنوان کے سنجیدہ پن سے اکثر ادبی رسائل کے مدیر دھوکا کھا گئے اور انہوں نے مضمون کو غیر مزاحیہ ابواب میں شائع فرما دیا۔ جس سے مزاح کا رنگ اور گہرا ہو گیا۔
خیر، جب یہ معلوم ہوا کہ ایک اردو ویب سائٹ نے اسے انٹرنیٹ پر بھی چھاپ دیا ہے تو کمپیوٹر پر اپنا پہلا مضمون پڑھنے کا فطری اشتیاق مجھے جدید ادب ڈاٹ کوم تک لے گیا اور بس، وہاں حیدر قریشی صاحب سے میری ملاقات ہو گئی۔ ماشاء اﷲ وہ ڈجیٹل ملاقات اب بھی جاری ہے اور انشا اﷲ آگے بھی جاری رہے گی۔
اس سے پہلے، بلکہ سب سے پہلے، حیدر بھائی مجھے’’ کتاب نما‘‘ کے ایک شمارے میں ملے تھے۔ یہ کئی برس پہلے کی بات ہے۔ اس ایک کتاب نما میں انہوں نے سال بھر کے کتاب نماؤں کا تفصیلی جائزہ اس سنجیدگی سے لیا تھا کہ میں چونک گیا۔ اس لئے نہیں کہ کسی اردو والے میں سنجیدگی کا پایا جانا بجائے خود ایک چونکا دینے والی بات ہے۔ بلکہ اس لئے کہ انہوں نے اس مضمون میں اردو ادیبوں کی پورے سال کی کارکردگی کا کچّا چٹھا اس سنجیدگی سے کھول کر رکھ دیا تھا جس طرح ہمارے بچپن کے زمانے کی گھر والیاں ہفتے بھر کے میلے کپڑے دھوبی کے سامنے رکھ دیا کرتی تھیں اور گھر میں موجود کسی اسکولی بچّے کو کاپی قلم تھما کر کہتیں کہ لکھو، کرتے بغیر بٹن کے تین عدد، قمیصیں چھوٹی بڑی مع آستین پانچ عدد، پائجامے آٹھ عدد پائنچوں سمیت اور دوپٹّے و بنیان ثابت اتنے عدد وغیرہ وغیرہ۔
حیدر صاحب نے بھی کچھ اسی طرح حساب لگایا تھا کہ فلاں مصنف نے اس سال اتنے مضمون لکھے جن میں کمال یہ تھا کہ صفحے کے صفحے سیاہ کرنے کے باوجود کچھ نہیں کہا گیا۔ یا فلاں افسانہ نگار نے اتنی کہانیاں لکھیں جن میں سے ہر ایک پر کسی مضمون کا شبہ ہوتا تھا۔ یا پھر فلاں شاعر نے اس سال اتنی غزلیں اور اتنی نظمیں کہیں جن میں اتنے مصرعے بے وزن تھے اتنوں میں سکتہ پکڑا گیا نیز یہ کہ اس سال شتر گربہ اور ایطائے جلی و خفی کی ا تنی وارداتیں ہوئیں۔ اسی طرح نقادوں، تبصرہ نگاروں اور مزاح نگاروں وغیرہ کی بھی خبر لی گئی تھی۔ یہاں تک کہ مراسلہ نگاروں کو بھی نہیں بخشا گیا اور بتایا گیا تھا کہ فلاں صاحب نے اس سال اتنے مراسلے لکھے جن میں اتنے مراسلے کسی اور کے مراسلوں سے چوری کئے گئے تھے وغیرہ وغیرہ۔
جب اس جائزے کا میں نے بغور جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ اتنی محنت تو ادیبوں نے اپنی تخلیقات میں بھی نہ کی ہو گی جتنی موصوف نے تمام تر جزئیات کے ساتھ ان کا جائزہ لینے میں فرما دی تھی۔ مضمون پڑھ کر میرے منھ سے وہی جملہ نکلا جو کسی زمانے میں ملک راج آنند کی تقریرسن کر اسرارالحق مجاز کی زبان سے نکلا تھا۔ یعنی یہ کہ کوئی بڑا ہی قابل آدمی معلوم ہوتا ہے۔ پھر جب دھیرے دھیرے ان کی ادبی تخلیقات یہاں وہاں پڑھیں تو ان کے اور جوہر کھلتے گئے۔ اور حال ہی میں ان کی کلّیات کا مطالعہ شروع کیا تو خود اپنا جہل بھی کھل کر سامنے آ گیا کہ ایک شخص اتنے خلوص، وارفتگی، سنجیدگی، ایمانداری، محنت اور جانکاہی سے ادب تخلیق کرتا رہا، اور کاغذ کی زمین سے لے کر انٹرنیٹ کے آسمان تک ہر طرف دھومیں مچاتا رہا اور تمہیں اب تک خبر نہ ہوئی۔ یقین کیجئے ادب کے معاملے میں اپنی نا معلومات پراس وقت اتنی شرم آئی کہ دیر تک یوں محسوس ہوتا رہا جیسے میں کوئی عام قاری نہیں بلکہ کسی یونیورسٹی کا لیکچرر ہوں۔ پروفیسر اس لئے محسوس نہیں کیا کہ وہ پھر بھی تھوڑے پڑھے لکھے ہوتے ہیں۔
حیدر بھائی کی کلّیات ‘’عمر لا حاصل کا حاصل‘‘ یوں تو خود انہی کے بقول اُن کا اب تک کا، کُل اثاثہ ہے لیکن مجھے اس بیان پر شبہ ہے۔ کیونکہ جس رفتار سے ان کا ادبی سفر جاری و ساری ہے اسے دیکھتے ہوئے مجھے اندیشہ ہے کہ ایک دو سال میں انہیں ایک اور کلّیات کی ضرورت پیش آ جائے گی۔ بلکہ دو عدد کلّیات پر تو کام شروع ہو بھی چکا ہے۔ ایک تو ہے ماہئے کی تحقیق و تنقید پر مشتمل ان کی پانچ کتابوں کی کلّیات، جس کی ترتیب چل رہی ہے۔ اس کے علاوہ تحقیق و تنقید کے بہت سے مضامین ہیں جو اِدھر اُدھر بکھرے پڑے ہیں اور جن کی کلّیات الگ منصوبے کے تحت زیرِ ترتیب ہے۔ لہٰذا اس کا پورا خطرہ موجود ہے کہ جب یہ کلّیات شائع ہوں گی تو ہمیں چند سال بعد ان کی تمام کلّیات کی ایک جامع الکلّیات، بلکہ بالکلّیات چھاپنی پڑ ے گی۔
اس سے ادب کی دنیا میں جو اضافہ ہو گا اس کی تو خیر ایسی کوئی فکر نہیں لیکن یونیورسٹیوں کے اردو لکچررز کے لئے یہ ضرور پریشانی کی بات رہے گی کہ انہیں اپنی نا معلوماتِ عامہ کی موجودہ سطح بر قرار رکھنے کے لئے مزید بے مطالعگی سے کام لینا پڑے گا۔ اس جملے کا آخری حصہ اگر آپ کی سمجھ میں نہ آیا ہو تو مرحوم ابنِ انشا کا وہ جملہ یاد کیجئے جو انہوں نے اپنی شہرہ آفاق تصنیف، ’’ اردو کی آخری کتاب، کے دیباچے میں لکھا تھا۔ کتاب کے فلیپ پر تحریر تھا ‘’نا منظور شدہ از محکمۂ تعلیم‘‘ ۔ اس تعلق سے مصنف نے تحریر کیا تھا کہ ہمیں بہت سے اسکولوں ومدرسوں سے یہ درخواستیں مل رہی ہیں کہ انہیں یہ کتاب نہ بھیجی جائے، اور یہ آرڈر اتنے زیادہ ہیں کہ ہمیں ان کی تعمیل میں دشواری ہو رہی ہے۔
کوئی کام نہ کرنا اپنے آپ میں خود کتنا بڑا کام ہے، اس بات کو کچھ وہی لوگ بہتر سمجھ سکتے ہیں جنہوں نے کبھی کوئی کام نہ کیا ہو۔ ورنہ جو لوگ دن رات کام میں جٹے رہتے ہیں وہ کیا جانیں کہ خالی بیٹھنا کس قدر محنت طلب ہوتا ہے۔ اس پر عزیز دوست شجاع خاورؔ کا شعر یاد آ گیا :
مصروف جو رہتے ہیں انہیں کچھ نہیں ملتا
بے کار پھرو گے تو کوئی کام ملے گا
اگر اب بھی بات سمجھ میں نہ آئی ہو تو کبھی ہما رے دفتر آ کر دیکھئے جہاں لوگوں نے کوئی کام نہ کرنے کے ایسے ریکارڈ قائم کر رکھے ہیں کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی ان کی کوئی مثال نہیں ملے گی۔ بے چارے روزانہ اس قدر خالی بیٹھتے ہیں کہ آرام کرتے کرتے تھک جاتے ہیں، اور تازہ دم ہونے کے لئے انہیں ڈیوٹی ختم ہونے سے عموماً ایک گھنٹہ پہلے ہی گھر چلے جانا پڑتا ہے۔
لیکن صاحب، حیدر قریشی جس طرح کام کر رہے ہیں اسے واقعی سلام کرنا پڑتا ہے۔ ایسا فنا فی الادب اردو والا کم از کم اب تک کی عمر میں تو میں نے نہیں دیکھا۔ جب وہ پیدا ہوئے ہوں گے تو مجھ سے ایک ڈیڑھ سال چھوٹے رہے ہوں گے۔ لیکن اب جو حساب لگا کر دیکھتا ہوں تو پاتا ہوں کہ وہ اپنی ذات میں اردو ادب کا ایک دور بنتے جا رہے ہیں جب کہ میں ابھی پیدا بھی نہیں ہوا ہوں۔ یہ موازنہ آرائی قارئین کو کچھ بے موقع اور اٹ پٹی سی ضرور لگی ہو گی مگر کیا کروں جب بھی کسی ہم عمر کو بلندیوں پر دیکھتا ہوں تو اس سے اپنا موازنہ کئے بغیر نہیں رہ پاتا۔ ویسے اپنی اوقات اور جامے و پاجامے کو درست رکھنے میں یہ عمل خاصا مفید رہتا ہے۔ اس عمر میں حیدر صاحب ادب کی اتنی اصناف میں اتنا کام کر چکے ہیں کہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ اور وہ بھی اس حالت میں کہ اچھی خاصی غربت میں پلے بڑھے، تعلیم مکمل کرنے سے پہلے، بلکہ اسے مکمل کرنے ہی کے لئے اور گھر بار کی خاطر بھی فیکٹری میں مزدوری کرنا پڑی، وہاں مزدوروں کے لئے لڑتے بھڑتے اور طرح طرح کے عذاب جھیلتے رہے، اس کے بعد شہر چھوٹا، دیس چھوٹا اور سمندرپار پردیس میں رہنے کو مجبور ہوئے۔ مگر مولانا حسرت ؔ کی طرح چکّی بھی چلاتے رہے اور مشقِ سخن بھی جاری رکھی۔
یوں تو حیدر صاحب نے ادب کی تقریباً ہر صنف میں طبع آزمائی کر کے اردو والوں کا ذوق آزمایا ہے اور مجھ جیسے سخن نا فہموں کو آزمائش میں ڈالا ہے مگر شاعری کی شائد سب سے غیر معروف مانی گئی فوک فارم، ماہیا کو اردو میں جو قبولیت و مقبولیت انہوں نے دلائی ہے اس میں دور دور تک کوئی ان کا ہم سر نہیں ہے۔ میرے کہنے کا مطلب یہ نہیں کہ ان سے اچھا ماہیا کسی نے نہیں لکھا۔ بہتوں نے بہت عمدہ ماہیا نگاری کی ہو گی، اور آگے بھی کریں گے، لیکن اس صنف کو پاکستان اور ہندوستان میں اردو کے تقریباً ہر ادبی رسالے کا لازمی جزو بنوا دینے میں ان کی کاوش و جدوجہد کا بڑا، بلکہ سب سے بڑا ہاتھ ہے۔ ماہیا، جس کے بارے میں ہماری معلومات مشہور فلمی گیت، ‘’تم روٹھ کے مت جانا، سے کبھی آگے نہیں بڑھی تھی، آج اردو شاعری کی سب سے بڑی دیسی صنف بن گئی ہے۔ پہلے یہ اعزاز دوہے کو حاصل تھا۔ مگر ماہیا اب لگتا ہے دوہے سے بھی آگے نکل گیا ہے۔ اور یہ سب کیا دھرا، اﷲ معاف کرے، حیدر قریشی صاحب کا ہے۔
کہنے والے کہتے ہیں حیدر صاحب کو ماہئے کا جنون ہے۔ ایک صاحب نے انہیں بابائے ماہیا تک کہہ ڈالا۔ ایک اور صاحب نے کہا وہ مجنوں ہیں اور ماہیا ان کی لیلیٰ۔ اور اب ان کی یہ کیفیت ہے کہ ماہیا ماہیا کہتے کہتے خود ماہیا ہو گئے ہیں۔ ایک قریبی دوست نے لکھا کہ اب جو اُن کے خط جرمنی سے آتے ہیں تو لکھتے ہیں کہ ماہیا کے لئے دعا فرمائیں۔ انہوں نے جواب میں لکھا کہ تم ماہئے کے لئے دعا کرتے رہو، میں تمہارے حق میں دعا کروں گا۔ شکر ہے کہ ان دعاؤں کے طفیل دونوں خیریت سے ہیں۔ ماہیا بھی اور حیدر بھائی بھی۔ اور اب یہاں کوئی کچھ بھی کہے، میں ان کے وہ ماہئے نقل کئے بنا نہیں رہوں گا جو انہوں نے مرد اور عورت کے مکالمے کی صورت میں کہے ہیں اور جو مجھے سب سے زیادہ اس لئے پسند ہیں کہ ان میں ماہئے کی فطری لَے کاری تو ہے ہی، لفظوں کی تال اور معنی کے سُرخوب جمے ہیں، جن سے انہوں نے بڑی سادگی کے ساتھ پوری ایک راگ مالا پرو کر رکھ دی ہے۔ سنئے اور سر دھنئے۔ ۔ ۔
مرد
کتنے بد نام ہوئے
پیار میں تیرے ہم
پھر بھی ناکام ہوئے

عورت ناکامی سے ڈرتے ہو عشق بھی کرتے ہو بد نامی سے ڈرتے ہو

مرد اس حال فقیری میں عمریں بیت گئیں زلفوں کی اسیری میں

عورت زلفوں سے رہا ہو جا رب تیری خیر کرے جا ہم سے جدا ہو جا

مرد کیا لطف رہائی کا دل جب سہہ نہ سکے دکھ تیری جدائی کا

مرد+عورت
ملنا ہو تو ملتے ہیں
پھول محبت کے
پت جھڑ میں بھی کھلتے ہیں

کہئے صاحب، کیا خیال ہے؟
ویسے، جن حضرات کو یہ ایک عام سا فلمی دو گانا محسوس ہوا ہو اُن سے میری درخواست ہے وہ کچھ دیر کے لئے مضمون ایک طرف رکھ دیں۔ اور جب طبیعت کچھ ٹھیک ہو جائے تو دوبارہ اسے ذرا ٹھہر ٹھہر کر پڑھیں۔ انشا اﷲ افاقہ ہو گا۔
ماہئے کے علاوہ غزل سے بھی ان کا عشق مجھے کچھ کم نہیں لگتا۔ یہی کیفیت کسی قدر نظم میں ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے افسانے لکھے ہیں، انشائیے تحریر کئے ہیں، خاکہ نگاری کی ہے، تنقیدیں لکھی ہیں، مراسلہ بازی فرمائی ہے اور وہ سب لکھا ہے جو عام طور سے عام ادیب نہیں لکھتے۔ اور میری مشکل دیکھئے کہ میں نے پچھلے چند ہفتوں میں یہ سب پڑھا تو غزلوں سے زیادہ مجھے ماہئے اچھے لگے، ماہیوں سے زیادہ نظموں میں لطف آیا، نظموں سے زیادہ انشائیوں میں مزا پایا، انشائیوں سے زیادہ خاکوں نے لطف دیا، خاکوں سے زیادہ تنقیدی مضامین نے متاثر کیا، تنقیدی مضامین سے زیادہ غزلیں پسند آئیں، غزلوں سے زیادہ ماہئے اچھے لگے، ماہیوں سے زیادہ۔ ۔ ۔ و علیٰ ہذالقیاس۔ نہ وہ ٹھہرے نہ میں ٹھہرا۔ گھوم پھر کر دونوں وہیں واپس آتے رہے جہاں سے چلے تھے۔ میں نقاد تو نہیں ہوں کہ دعوے سے کوئی بات حیدر صاحب کے ادب اور فن کے بارے میں کہہ سکوں۔ جتنی سمجھ ایک کچے پکے نثر نگار کے طور پر پائی ہے اس کے برتے پر یہ بات ضرور کہوں گا کہ کثیر الازدواج شوہر تمام بیویوں سے اور کثیر الاصناف ادیب تمام اصناف سے ہر گز انصاف نہیں کر سکتا۔ لیکن حیدر قریشی نے بڑی حد تک یہ کام کر کے دکھایا ہے۔ انہوں نے سبھی اصناف میں تقریباً ایک سا معیار قائم رکھا ہے۔ چنانچہ یہ کہنا مشکل ہے کہ انہیں کیا کہا جائے۔ عمدہ شاعر، عمدہ افسانہ نگار، عمدہ انشائیہ نگار، عمدہ نقاد یا چاروں۔ میں انہیں پانچوں کہوں گا کیونکہ ان کی ایک اور بڑی خصوصیت میرے علم کے مطابق یہ ہے کہ وہ ایک بہت اچھے انسان ہیں۔ اور یہ خصوصیت وہ ہے جس کے بغیر وہ باقی چاروں میں سے ایک بھی نہ ہوتے۔
یہاں ایک بات واضح کر دوں کہ ان سے میری بالمشافہ ملاقات ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔ صرف ایک بار ٹیلیفون پر بات ہوئی۔ ورنہ سب ملاقاتیں ای میل کی بدولت ہوتی ہیں۔ لہٰذا ان کی شخصیت کے کئی گوشے ایسے ہو سکتے ہیں جو ابھی میرے علم سے باہر ہیں۔ ہاں یاد آیا۔ انٹر نیٹ کی بات رہ گئی۔ میرے ذاتی علم کے مطابق حیدر قریشی اردو کے واحد سنجیدہ ادیب ہیں جو انٹر نیٹ پر سب سے زیادہ موجود ہیں۔ ان کا معیاری جریدہ ‘’جدید ادب‘‘ بھی اردو کا واحد ادبی رسالہ ہے جو کاغذ پر چھپنے کے ساتھ ساتھ پورے کا پورا انٹرنیٹ پر دستیاب ہے۔ جدید ادب پہلے دو مرتبہ پاکستان میں چھپ کر بند ہو چکا ہے اور اب جرمنی سے شائع ہوا ہے تو نہایت پا بندی سے شائع ہو رہا ہے۔ بلکہ پہلے تو صرف کاغذ پر ہی چھپتا تھا اب آپ اسے انٹرنیٹ پر بھی پڑھ سکتے ہیں۔ لطف یہ کہ حضرت نے اچھے خاصے ضخیم رسالے کی قیمت بھی کچھ نہیں رکھی۔ مفت تقسیم شروع کر دی۔ ایک تو اردو والوں کو ادب پڑھنے کی عادت نہیں ہے۔ اس پر مفت کا ادب! لوگ شک کرنے لگے کہ کہیں القاعدہ یا امریکہ تو اس کے پیچھے نہیں ہے جو ہمیں مفت میں ادب پڑھوا کر ہماری عادتیں خراب کرنا چاہتا ہو۔ آخر ہیں تو دونوں ایک ہی سکّے کے دو رخ۔
تنگ آ کر کچھ لوگوں نے ان کی منّت سماجت کی اور ہاتھ پیر جوڑے کہ بند ۂ خدا کچھ تو رسالے کی قیمت رکھ دو۔ چنانچہ حالیہ شمارے سے لوگوں کی یہ پُر زور درخواست منظور کرتے ہوئے انہوں نے از راہِ عنایت اس کی قیمت مقرر کر دی ہے ورنہ وہ تو اگلے شمارے سے ایک ‘’جدید ادب‘‘ بلا قیمت قبول کرنے والے کوساتھ میں ایک ‘’جدید ادب‘‘ مفت دینے کا ارادہ کئے بیٹھے تھے۔ اس طرح اردو کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے جب کسی اردورسالے نے پبلک کی پر زور فرمائش پر مجبوراً اپنی قیمت طے کی ہے۔ ادب کے رسیا اور لوگ بھی ہیں۔ ادبی جریدے شائع کرنے کی خالص خسارے والی ادبی خدمت اور بھی کئی لوگ کر رہے ہیں۔ لیکن اکثر معاملوں میں یہ خدمت ادب کی بجائے اپنی ذاتی شخصیت کو چمکانے کے لئے زیادہ ہوتی ہے۔ ایسے حضرات کے ادبی جریدے ان کی اپنی شاعری، اپنی نثر اور اپنی تصویر سے شروع ہوتے ہیں اور اپنی تعریف میں لکھے گئے مضامین و مراسلات پر ختم ہو جاتے ہیں۔ البتّہ بیچ میں جگہ بچے تو اپنے گروپ کے لوگوں کی بھی کچھ تخلیقات شائع کر دی جاتی ہیں۔ اﷲ اﷲ خیر صلّا۔ اس کے برعکس جدید ادب کے تازہ شمارے میں ۵۰ سے زائد ادیبوں کی ۱۰۰سے زائد نگارشات کے بیچ حیدر بھائی کے صرف دو مضمون ہیں۔ اور وہ بھی میرا جی اور جوگندر پال کے بارے میں۔ آپ ہی بتائیے ایسے شخص کو فنا فی الادب نہ کہیں تو کیا کہیں۔
حیدر بھائی کی زندگی میں انٹر نیٹ کا، بلکہ خود انٹر نیٹ کی زندگی میں حیدر بھائی کا اتنا عمل دخل ہو گیا ہے کہ جس اردو سائٹ پر جائیے وہاں وہ کسی نہ کسی روپ میں مل جائیں گے۔ سنا ہے گھر میں ان کا زیادہ تر وقت کمپیوٹر کے ساتھ ہی گزرتا ہے۔ یہاں تک کہ ان کی بیگم نے اسے اپنی سوت مان لیا ہے، اور بے چاری ہر دم بس کمپیوٹر کو ان سے خلع دلانے کی شرعی تدبیریں سوچتی رہتی ہیں۔ میں نے جب بھی حیدر بھائی کو ای میل کیا اس کا جواب فوراً لَوٹتے ای میل سے پایا ہے۔ کئی بار پریشان ہوتا ہوں، کوئی الجھن آتی ہے تو فوراً انہیں ای میل کرتا ہوں، کیونکہ مجھے یقین رہتا ہے کہ وہ فوراً جواب دیں گے۔ جب کہ اپنے بیوی بچوں سے مشورہ لینے کے لئے مجھے ان کے کچن ورک اور ہوم ورک کے ختم ہونے تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ کہتے ہیں کہ کھانا بھی وہ کمپیوٹر کے پاس بیٹھ کر کھاتے ہیں۔ کئی بار مجھے ان کے ای میل کے ساتھ بریانی اور شامی کباب کی خوشبو آ چکی ہے۔ واقعی، یقین کیجئے۔
آج کل شاعری اور مضمون نگاری وہ کمپیوٹر پر ہی کرتے ہیں۔ لہٰذا اگر ان کا کمپیوٹر بھی ادب شناس اور ادیب مزاج ہو گیا ہو تو کچھ عجب نہیں۔ اس کا شبہ مجھے اس لئے ہے کہ خود میرا کمپیوٹر بھی خاصا اد ب فہم ہو گیا ہے۔ اس کا پتہ مجھے تب چلا جب ایک روز میں اس پر ایک غزل فی البدیہہ ٹائپ کرنے لگا۔ جیسے ہی مطلع کہہ کرسیو (save) کرنا چاہا فوراً سسٹم ہینگ (hang)ہو گیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ مطلع نہ صرف دو لخت تھا بلکہ دوسرے مصرعے کی ردیف بھی گر رہی تھی اور کمپیوٹر کو ہر گز ایسی شاعری گوارا نہ تھی۔ اس حساب سے حیدر بھائی کا کمپیوٹر اور بھی زود فہم اور زود حس ہونا چاہئے کیونکہ ان کی تحریروں میں جو صفائی، جوکساوَٹ، جامعیت اور درد مندی و شائستگی میں نے پائی ہے وہ ان کی عمر کے کسی اور ادیب یا نقاد کے یہاں کم از کم مجھے تو نہیں دکھائی دیتی۔ جو ادیب خود کو زیادہ پڑھا لکھا دکھانا چاہتے ہیں وہ قصداً ادق الفاظ والی ایسی پُر پیچ اور علامتی انداز کی زبان بولنے لگتے ہیں جس سے سننے والے کی کچھ سمجھ میں نہ آئے اور ان کی نیم حکیمی پر ایک حکیمانہ پردہ پڑا رہے۔ لیکن حیدر بھائی کی جو تحریر بھی میں پڑھتا ہوں وہ نہ صرف صاف سمجھ میں آ جاتی ہے بلکہ اس سے وہی سمجھ میں آتا ہے جو وہ کہنا چاہتے ہیں۔ یہ نہیں کہ وہ کہہ رہے ہیں ایران کی اور ہم سمجھ رہے ہیں طور ان کی۔ یہ دو ٹوک پن ادب میں میرے خیال سے بڑے کام کی چیز ہے۔
یہاں جی چاہتا ہے کہ ان کی تحریروں، نظموں اور غزلوں وغیرہ سے اپنی پسند کے کچھ حوالے بھی ان کے کمالِ فن کے ثبوت کے طور پر پیش کر دوں۔ مگر پھر خیال آتا ہے کہ اس سے مضمون کو خواہ مخواہ طوالت دینے کے سوا کوئی اور مقصد ظاہر نہیں ہو گا۔ اس لئے فی الحال یہ ارادہ ترک کرتا ہوں۔ ویسے بھی میں نے تازہ تازہ ان کی کلّیات پڑھی ہے۔ اور اس میں اتنی ساری چیزیں مجھے پسند آئی ہیں کہ وہ مل کر تقریباً کلّیات کے ہی سائز کی ہو جائیں گی۔ لہٰذا قارئین ‘’عمرِ لا حاصل کا حاصل‘‘ کے ٹائٹل، فہرستِ مضامین اور اشتہارات کو چھوڑ کر باقی سبھی صفحات یہاں بطور حوالہ منسلک تصوّر فرما لیں۔ اور مجھے اجازت دیں۔
لیکن واضح رہے۔ ابھی یہ مضمون ادھورا ہے۔ کیونکہ حیدر صاحب کو میں ابھی اتنا ہی جانتا ہوں۔ مزید واقفیت اور معلومات کے بعد مضمون کا باقی حصہ بھی پیش کروں گا۔ اگرچہ مجھے ابھی سے اندیشہ ہو رہا ہے کہ وہ بھی ادھورا رہ جائے گا۔ خیر اﷲ مالک ہے!
(بشکریہ سہ ماہی تادیب برطانیہ جلد:۴، شمارہ :۳۔ جولائی تا ستمبر ۲۰۰۶ء)
٭٭

تخلیقی ادب میں کسی نئی یا غیر معروف صنف کو رائج کرا دینا اپنے آپ میں اتنی بڑی بات ہے کہ اسے تاریخ ہمیشہ ایک ادبی واقعے کے طور پر یاد رکھتی ہے۔ آزاد غزل کو متعارف کرانے میں جتنا مظہر امام کو یاد رکھا جائے گا شائد اس سے کہیں زیادہ ‘’ماہیے، کو پھر سے رواج اور قبولیت دلانے کے لیے حیدر قریشی کی یاد آئے گی۔ کتنی حیرت کی بات ہے کہ پچھلے کئی عشروں سے جرمنی میں خاموشی، مگر نہایت سرگرمی سے ادب کی تخلیق و ترویج میں مصروف یہ فنکار صرف ماہیے ہی نہیں لکھ رہا ہے بلکہ اس نے غزل، نظم، افسانے، انشائیے، خاکے اور سفرنامے لکھنے اور تنقید و تحقیق کے شعبے میں بھی اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ ایسے قلم کار کی ادبی قدر و قیمت اور تخلیقی جہات کا اندازہ لگانے کے لیے ضروری ہو جاتا ہے کہ اسے اور قریب سے دیکھا اور دکھایا جائے۔
نصرت ظہیر مدیر ادب ساز دہلی۔ شمارہ نمبر ۶۔ ۷، جنوری تا جون ۲۰۰۸ء۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اردوستان میں آپ کا خبر نامہ نظر آیا، اچھا تھا۔ ۔ ۔ آپ کی سوچ اور باتوں میں بڑا توازن ملتا ہے، جس سے میں بھی کئی باتیں سیکھ رہا ہوں۔ نصرت ظہیر۔ حیدر قریشی کی کتاب خبر نامہ کے فلیپ سے
٭٭٭

‘’عمرِ لا حاصل کا حاصل ‘‘میں شامل افسانے

عبد اللہ جاوید۔ کینیڈا

حیدر قریشی کے افسانوں کی اوّلین خوبی یا خصوصیت یہ ہے کہ وہ افسانوں کے معیار پر پورے اترتے ہیں (علامتی ہونے کے باوجود ) اور وہ معیار یہی ہے کہ افسانہ قاری کی توجہ کو اپنی گرفت میں لے اور افسانے کے اختتام تک پکڑے رکھے۔ البتہ ایک اچھا افسانہ نگار اپنے افسانے کے اختتام کے بعد، بہت بعد تک۔ بعض اوقات ہفتوں، مہینوں اور برسوں کسی نہ کسی انداز میں قاری سے جڑا رہتا ہے۔ حیدر قریشی کا قاری افسانے کا ہی نہیں بلکہ حیدر قریشی کا ہو جاتا ہے اور پڑھتے سمے تو لازمی طور پر۔ اگر حیدر قریشی کے افسانوں کو علامتی افسانوں کے خانے میں رکھا جائے تو اس خانے کے کتنے افسانہ نگاروں کے کتنے افسانے اس معیار پر پورے اترتے نظر آئیں گے؟ گنتی کے چند۔ کسی کسی افسانہ نگار کا کوئی افسانہ بہت ممکن ہے علامتی افسانہ ہونے کے باوجود افسانوی ادب کا شاہ کار تسلیم کیا جا چکا ہو لیکن حیدر قریشی وہ واحد افسانہ نگار ہے جس کا قریب قریب ہر افسانہ، افسانے کی صنف کی متذکرہ خصوصیت کا حامل نظر آتا ہے۔ علامتی افسانہ (تحریک کی صورت میں ) ہمارے ادب میں اس طرح آیا جیسے تیز ہوا کا جھونکا۔ بیشتر افسانہ نگاروں نے اسے باہر کی چیز جان کر لیا اور باہر کی چیز کے طور پر پیش بھی کیا نہ تو اس کے فارم کو اپنا بنایا اور نہ ہی اپنی چیز کے طور پر اسے برتا۔ مجھے اس حقیقت سے انکار نہیں کہ اردو کو چند ایک کامیاب علامتی افسانے ضرور ملے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ تحریک سے ہٹ کر بھی چند علامتی افسانے بلکہ اعلیٰ افسانے بھی مل جاتے ہیں۔ پریم چند کے ‘’کفن، کرشن چندر کے ‘’غالیچہ، منٹو کے پھندنے، عصمت کے ‘’لحاف، غلام عباس کے ‘’ آنندی ‘’عسکری کے ‘’چائے کی پیالی، بیدی کے ‘’ اک چادر میلی سی، اشفاق حمد کے ‘’گڈریا، کو ہم ایسے افسانوں میں شمار کرسکتے ہیں۔ تحریک سے جڑے افسانوں میں البتہ فرائیڈین، یونگین، کرکیگارڈین، یا کافکائی عناصر کچھ زیادہ واضح صورت میں موجود ملتے ہیں۔ علامتی افسانے کی تحریک ختم نہیں ہوئی اور نہ ہو سکتی ہے کیونکہ علامت شعر و ادب کی جان ہے بقول برک (Burke) ہر فن پارہ ممکنہ طور پر علامتی عمل کی شکل ہو سکتا ہے۔ ‘‘کولرج Coleridge کے خیال میں فن کار علامتوں کا تخلیق کار (خالق)ہوتا ہے۔ یوں بھی ہمیں یہ فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ لفظ ایک علامت یا ایک سے زائد علامات پر مبنی ہوتا ہے۔ لفظ تو رہا ایک طرف حرف بھی علامت کے سوا کچھ نہیں۔ علامتی افسانے کی تحریک کے آخری دنوں میں ایک اور تحریک ہمارے افسانوی ادب میں دبے پاؤں داخل ہوئی اور الٹے قدموں لوٹ گئی۔ اس تحریک کو ’‘ا کہانی ‘‘( نو اسٹوری) کا نام دیا گیا تھا۔ اس کی شانِ نزول غالباً یہ کہی جائے کہ جب علامتی افسانے اس طرح کے لکھے جانے لگے کہ افسانے سے افسانوی عنصر رخصت ہو گیا۔ تو اس کے نتیجے میں کہانی سے یکسر انحراف کی شکل ‘’اُکہانی، (نو اسٹوری) کا جنم ہوا۔ بات حیدر قریشی کے افسانوں کی ہو رہی تھی اور میں اپنے پڑھنے والوں کو ساتھ لے کر یہ سوچ رہا تھا کہ حیدر قریشی کا افسانہ علامتی ہونے کے باوجود اس خصوصیت کا حامل ہے کہ قاری کی توجہ کو اپنی گرفت سے نکلنے نہ دے اس نے علامتی افسانے کی افراط و تفریط سے اپنا دامن بچائے رکھا۔ شکر ہے ا س نے ‘’اکہانی، (نو اسٹوری) کو آزمانے کا خیال نہیں کیا۔
افسانے کی دوسری خصوصیت اس کا پڑھنے کے لائق (Readable) ہونا ہے۔ حیدر قریشی کا ہر’‘ افسانہ ‘’پڑھنے کے لائق ہوتا ہے۔ اس کا پڑھنا گراں نہیں گزرتا۔ یہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ ہم افسانہ پڑھ رہے ہیں کیونکہ ہم افسانہ پڑھتے نہیں بلکہ افسانے میں سے ہو کر گزرتے ہیں یا افسانے کو اپنے اندر سے گزارتے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں ہم افسانہ نہیں پڑھتے بلکہ افسانے کے تجربے سے گزرتے ہیں ‘’۔ عمر لا حاصل کا حاصل، کے افسانے حیدر قریشی کی زندگی کے متنوع تجربات کا’’ ما حاصل‘‘ ہیں اور اپنے قاری کو اس’’ ماحاصل‘‘ سے گزارتے ہیں۔ پہلا افسانہ ‘’میں انتظار کرتا ہوں، جس کا ترجمہ 'And I wait' کے عنوان سے اسی ٹائٹل کے تحت چھپی ہوئی انگریزی کتاب میں موجود ہے۔ عنوان کے واسطے سے میرا ذہن ملٹن کی نظم ‘’آن ہِز بلینڈنس، کی جانب رجوع ہوتا ہے جس کے اختتامی مصرعوں میں ملٹن کہتا ہے:
"They also serve
Who stand and wait!"
حیدر قریشی کی کہانی اس سے کوئی مطابقت نہیں رکھتی اور ہونا بھی یہی چاہیے تھا۔ میں نے ‘’عمر لا حاصل کا حاصل، کے حیدر قریشی کو حرکت سے عبارت پایا۔ وہ رکنے یا ٹکنے والا بندہ بالکل نہیں لگتا۔ چنانچہ ’’میں انتظار کرتا ہوں، ایک ایسی کہانی ہے جس میں مناظر جلدی جلدی بدلتے ہیں اور ہزاروں برسوں کی زمانی قدر کے ساتھ ملکوں ملکوں کی مسافتوں پر مشتمل مکانی قدر پر محیط ہیں۔ یہ مناظر قدیم اساطیر، آسمانی صحائف، قدیم قصائص اور گزری ہوئی تہذیبوں سے متعلق ہیں۔ اس افسانے میں مکان و زماں کے ساتھ جو رویہ ملتا ہے وہ حیدر قریشی کی انفرادیت کا بھی ضامن ہے۔ یہاں انتظار حسین کی مثال پیش کرنے کی اجازت دیجئیے۔ انتظار حسین اساطیر، قدیم تاریخ، تہذیب و ثقافت کی اپنے افسانے میں پیوند کاری کرتے ہیں جو بعض اوقات دکھائی دینے لگتی ہے لیکن ان کے قلم کا جاد و پورے افسانے کو ایک کامل اکائی کا روپ دے کر غیر محسوس بنا دیتا ہے۔ حیدر قریشی پیوند کاری نہیں کرتا، شجر کاری کرتا ہے۔ وہ قلم نہیں لگاتا بلکہ اُگاتا ہے۔ زیر نظر افسانے ‘’میں انتظار کرتا ہوں، کی پیشانی پر وہ اپنا شعر درج کرتا ہے۔ ؎
خزاں رسیدہ سہی پھر بھی میں اگر چاہوں جہاں نگاہ کروں اک نئی بہار اُگے
اس شعر میں اگانے کا استعارہ استعمال ہوا ہے جو میرے متذکرہ خیال کو تقویت دے رہا ہے۔
حیدر قریشی کے نظریہ وقت پر بات کرتے ہوئے میں اس حقیقت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں کہ اس نے اپنے زیر مطالعہ افسانے میں ‘’مکان و زماں، کو آگے پیچھے ہچکولے دے کر ‘’لا مکاں و لا زماں‘‘ کی جانب دھکیل دیا ہے۔ یہ صورت حال اس افسانے تک محدود نہیں ہے۔ اس کے بیشتر افسانوں میں دیکھی جا سکتی ہے۔ تھامس ایکو نیا س نے خوب کہا ہے۔ ‘‘خدا وقت کو نہیں دیکھتا’‘
حیدر قریشی کی اس ٹیکنیک کے بارے میں یہ کہنا غلط ہو گا کہ انتظار حسین سے تھوڑی بہت مماثل ہے اور نہ ہی اس کو شعور کی رَو سے جوڑا جا سکتا ہے۔ میں نے اس افسانے کو ‘’تجرید و تجسیم ‘‘ کے باہمی رد و بدل کی آماج گاہ پایا۔ یہ بھی ایک ایسی خصوصیت ہے کہ جو دوسرے افسانوں میں بھی موجود ہے۔ اس رد و بدل کے علاوہ کسی کسی افسانے میں (زیر نظر افسانے کے علاوہ بھی )شخصیات اور کردار بھی باہم مبدل دکھائی دیتے ہیں۔ یا بے حد گڈمڈ ملتے ہیں۔ ’’میں انتظار کرتا ہوں‘‘،میں حضرت اسمٰعیل ؑ، حضرت یوسف ؑ، سری رام اور بے شمار دوسرے کردار قاری کو حیران کر دیتے ہیں۔ یہ فہرست طویل تر ہو سکتی تھی۔ ان افسانوں میں بھی جو حقیقت نگاری کے مزاج کے حامل ہیں وہ صنعت موجود ہے جس کو مغرب کے نقادوں نے (Extended metaphor) وسعت یافتہ استعارے کا نام دیا ہے۔ یہاں میں یہ بھی کہوں گا کہ حیدر قریشی نے رمزیہ استعارے سے بھی کام لیا ہے۔ یوں لگتا ہے کہ اپنے چاروں اور پھیلی ہوئی زندگی کو اپنی بصیرت (وژن) کی گرفت میں لے کر پڑھنے والوں کی خاطر کاغذ پر اتار دیا ہے۔ اس کی ساری تعجب خیزی، اسرار اور رمزیت کے ساتھ زندگی کی سطحیت، عمومیت اور بے معنویت کو بھی پیش نظر رکھتے ہوئے۔ معمولی میں غیر معمولی، غیر معمولی میں معمولی کو دیکھنا ادر دکھانا حیدر قریشی کی افسانہ نگاری کا امتیاز ہے۔ مشاہدہ حیات کی بات چل نکلی ہے تو اس پر بھی بات کر لیتے ہیں کہ حیدر قریشی کی نظر کسی بھی چیز کے ظاہر پر بھی ہوتی ہے اور باطن پر بھی اور وہ بیک وقت ظاہرو باطن کا تقابلی مشاہدہ کرنے والا افسانہ نگار ہے۔ اس کی اس عادت نے اس کو طنز کی صلاحیت سے نواز دیا ہے۔ اس ضمن میں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ طنز کا عنصر وہ پیدا نہیں کرتا۔ طنز تو زندگی اسے دیتی ہے اور وہ اس میں نمک مرچ کا اضافہ کئے بغیر جوں کا توں پیش کر دیتا ہے۔ اس کے ہاں طنز کا مشاہدہ کرنا ہو تو آپ کو ‘’دھند کا سفر، پڑھنا چاہیے۔ بہر حال یہ ایک حقیقت ہے کہ حیدر قریشی کا افسانہ طنز کے تانے بانے سے تیار ےہیئشدہ لگتا ہے۔ یہ اور بات کہ طنز افسانے پر مسلط کی ہوئی نہیں لگتی۔ اس کو افسانے سے الگ بھی نہیں کیا جا سکتا۔ حیدر قریشی کے چند افسانوں میں وہ موضوع بھی جزئیاتی طور پر ملتا ہے جس کو مغربی ادب میں ما بعدِ ہیروشیما، کی اصطلاح کے تحت رکھا گیا ہے۔ البتہ اس کو برتنے کا انداز انفرادی ہے تقلیدی یا اکتسابی نہیں۔
‘’میں انتظار کرتا ہوں‘ کا انجام غیر متوقع ہے۔
‘’میں آگ کے مکمل طور بجھنے کا انتظار کرتا ہوں۔ میں انتظار کرتا ہوں جب تھوڑی دیر بعد میرے سارے سوتیلے عزیز مجرموں کی طرح میرے سامنے پیش ہوں گے اور میں اس وقت کے آنے سے پہلے ہی اپنا فیصلہ لکھنے بیٹھ جاتا ہوں۔ لا تثریب علیکم الیوم’‘
حیدر قریشی کا قریب قریب ہر افسانہ اسی طرح کے قطعی غیر متوقع انجام کا حامل ہوتا ہے۔ یوں ان کی سعادت حسن منٹو سے مماثلت نکل آتی ہے۔
‘’گلاب شہزادے کی کہانی، جو روایتی ‘’چہار درویش، کے قصے سے اُگائی گئی ہے۔ ذاتی طور پر مجھے پسند ہے۔ اس میں بقول کیون بروک (Kevin Brockmeier)یہ کہانی ایک سابقہ کہانی سے نمو پاتی ہے۔ اس سبب سے وہ جو رویہ ماحول، صورتِ حال اور کرداروں سے اختیار کرتی ہے۔ بڑی حد تک قابلِ فہم لگنے لگتا ہے۔ یہ بات کیون نے ایڈورڈ پی جونس (Edward P.Jones)کی مشہور کہانی ’‘اولڈ بوائز، اولڈ گرلس’‘ پر تبصرے کے دوران لکھی تھی۔ اس کہانی (گلاب شہزادے کی ) میں پہلا درویش اپنی کہانی کو موخر کر دیتا ہے اور باری باری باقی درویش اپنی اپنی کہانی سناتے، پانی پیتے اور موت سے ہم کنار ہوتے جاتے ہیں۔ چوتھا درویش جو در حقیقت پہلا درویش ہوتا ہے پانی کو تیل سمجھ بیٹھتا ہے۔ ایٹمی جنگ کے بعد کی دنیا پر حکمرانی کے خواب دیکھتے ہوئے، پانی کو پانی کے بجائے تیل خیال کر کے پیاسا مر جاتا ہے۔ اس کہانی میں گلاب کی اس قلم کا بھی ایک کردار ہے جس کو پہلا درویش لگاتا ہے۔ اس میں کھلنے والا سرخ پھول ہر مرتبہ ایک نئی معنویت لے کر آتا ہے۔ اس کے علاوہ ہر درویش کی موت کو پانی سے جوڑ کر اور پہلے درویش کی موت کو پانی کے ساتھ تیل سے گڈمڈ کر کے حیدر قریشی نے پانی کے استعارے کو رمز سے مملو کر دیا ہے۔
‘’دھند کا سفر‘‘ جیسا کہ میں نے پہلے عرض کیا ہے طنزیہ افسانہ ہے۔ اگر آپ سے صرف اس ایک کہانی کی اساس پر اس کے مصنف کے بارے میں پوچھا جائے تو آپ یہی کہیں گے کہ اس افسانے کا مصنف طنز نگار ہے اور اس افسانے میں اس کی طنز نگاری عروج پر ہے۔ حیدر قریشی کی طنز کے بارے میں اس سے قبل جو عرض کر چکا ہوں وہ سب کا سب ‘’دھند کا سفر‘‘ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ طنز کے علاوہ اس افسانے میں ‘’دھند، سفر، غصہ، گالیاں، گالیوں کا بتدریج باقی قوم تک بہاؤ، یک چشم داڑھی والا، ٹرین کو روکنے کے لیے کھینچنے والی زنجیر اور اس کے نیچے لکھی ہوئی انتباہی تحریرسب کچھ علامتی بھی ہے اور حقیقی بھی۔ اس طرح کہانی واقعیت کی زبان میں بھی بات کرتی ہے اور استعارے کی زبان میں بھی۔ اس کا کلی تاثر لا یعنیت کی طرف جھکاؤ رکھتا ہے۔ یوں اس کے اندر جدیدیت کے ساتھ ‘’ما بعد جدیدیت‘ بھی سما جاتی ہے۔ ‘’ما بعد جدیدیت کو آپ کوئی زمانی نسبت نہیں دے سکتے۔ وہ جدیدیت کے ساتھ جڑی ہے اور انیسویں صدی سے اکیسویں صدی میں داخل ہو رہی ہے۔ میرے نا چیز خیال میں جدیدیت کے خاتمے اور ما بعد جدیدیت کے آغاز کا نظریہ کسی اعتبار کا حامل نہیں ہے۔ اس مرحلے پر یہ بھی عرض کرتا چلوں کہ ہمارے شعرو ادب میں علامت کے جو عناصر پہلے سے چلے آ رہے تھے علامت کی تحریک کے دوران اور علامت کی تحریک کے خاتمے کے بعد بھی زندہ سلامت رہے۔ علامت کی تحریک کی آمد و رفت نے ان کا کچھ نہیں بگاڑا۔ یوں بھی علامت کا ختم ہونا اس طرح عمل میں نہیں آیا جیسے کسی نے جھاڑو پھیر دی۔ شعر و ادب میں کسی بھی تحریک کا مکمل خاتمہ ہوتا ہی نہیں۔ علامت ہی کو لیجیے۔ افسانوی ادب سے تو اس کا زور ٹوٹا لیکن شاعری اور خاص طور پر جدید نظم میں اس کا سکہ آج بھی چلتا ہے۔
اس سے قبل ایک بظاہر گنجلک سی بات لکھی تھی۔ ‘’اس رد و بدل کے علاوہ کسی کسی افسانے میں (زیر نظر افسانے کے علاوہ بھی ) شخصیات اور کردار بھی باہم مبدل دکھائی دیتے ہیں۔ یا بے حد گڈمڈ ملتے ہیں۔ ‘‘ اس مرحلے پر افسانہ ‘’میں انتظار کرتا ہوں‘‘ سے مثالیں پیش کی تھیں۔ افسانہ ‘’آپ بیتی‘‘ سے ایک اقتباس دیکھیے۔
‘’اس وقت رات کے آٹھ بجے ہیں اور میں نے لیٹے ہی لیٹے بائیں طرف کروٹ بدل کر خیال ہی خیال میں اس خوبصورت لڑکی کو اپنے پہلو میں سلا لیا ہے۔ میری سانسوں کی رفتار تیز ہو گئی ہے اور میں اس وقت جب میں کلائمکس پر پہنچنے لگا ہوں میں نے اس کا چہرا اپنے ہاتھوں میں تھام کر اس کے ہونٹوں کا بھر پور بوسہ لینا چا ہا مگر مجھے جیسے ایک دم کرنٹ لگ گیا ہے۔ میرے ہاتھوں میں جو چہرا ہے وہ ہو بہو میری بیٹی کا ہے۔ میری ننھی بچی جیسے ایک دم جوان ہو کر میرے ساتھ لیٹی ہو۔ ‘‘
آپ نے دیکھا دعوت عیش دینے والی لڑکی مبدل ہو رہی ہے بیٹی سے۔ اسی افسانے سے ایک اور اقتباس دیکھئے۔
‘’ وہ خوب صورت لڑکی میرے پہلو میں آ گئی ہے۔ ۔ یہ چہرا میری بیوی کا ہے۔ مجھے پھر کرنٹ لگتا ہے۔ میں نے اپنے آپ کو دیکھا تو میری جگہ کوئی اور تھا۔ ‘‘
افسانہ ‘’آپ بیتی، آویزش اور کشمکش کا افسانہ ہے۔ اس افسا نے کو بلا تامل کسی پس و پیش کے بغیر منٹو کے دائرہ عمل کے اندر رکھ کر دیکھوں گا لیکن آپ یہ سوال نہ کر بیٹھیں آیا یہ فرائیڈین ہے یا یونگین۔
افراد اور شخصیات کے مبدل ہونے کی صورت (تصوف کے رنگ میں )ان کی ‘’ایک کافر کہانی ‘‘ میں بھی ملتی ہے۔ اس کہانی کے بارے میں یہ عرض کروں گا کہ بظاہر بزرگانِ دین اور صوفیائے کرام کے واقعات پر مبنی یا ان سے ماخوذ معمول کی کہانی اور معمول کے سوال اٹھانے والی اس تحریر کو ایک تکونے چہرے والے اسٹین گن بردار کے ذکر سے ٹوئسٹ کر کے غیر معمولی بنا دیا گیا ہے میں نے غالباً پہلے بھی یہ عرض کیا ہے کہ غیر معمولی کو معمولی اور معمولی کو غیر معمولی بنا نا حیدر قریشی کا فن ہے۔ ‘’روشنی کی بشارت، ایک طاقت سے بھر پور افسانہ ہے۔ ذہن اور قلم کی تخلیقی توانائیوں کا مظہر۔ اس کو ایک سے زائد مرتبہ پڑھنے سے اس کے رمز آشکار ہوتے ہیں۔ جہاں تک ٹیکنیک کا تعلق ہے اس میں بہت کچھ وہی ہے جس پر میں آغاز میں بات کر چکا ہوں۔ خاص طور پر وقت کے ساتھ برتاؤ یعنی مکان و زماں کو آگے پیچھے کرتے رہنا اور لا مکاں و لا زماں کی جانب دھکیل دینا۔ اس افسانے کے مرکزی کردار کے چند فقرے ملاحظہ کیجئے۔
‘’میں بہت پہلے آ گیا ہوں میرا تعلق مستقبل سے ہے۔ ‘‘
‘’میں اپنے وقت سے سولہ سو برس پہلے آ گیا ہوں ‘‘
‘’مجھے یاد آتا ہے اس سے پہلے ایک دفعہ میں اپنے وقت سے پچاس برس پہلے آیا تھا اور جب پچاس برس بعد میں دو بارہ آیا تھا تو میں نے یہ دیکھا تھا کہ میں اپنے وقت سے ایک صدی پہلے آ گیا ہوں۔ پھر جب میں ایک صدی بعد آیا تو میری آمد اپنے وقت سے دو سو سال پہلے تھی۔ ۔ ۔ ۔ اور اب جب میں آٹھ سو سال بعد آیا ہوں تو مجھے یقین ہو گیا ہے کہ میں اپنے وقت سے سولہ سو سال پہلے آ گیا ہوں۔ ‘‘
میں نے حیدر قریشی کے افسانے جستہ جستہ پڑھے ہیں۔ ‘’عمر لا حاصل کا حاصل، میں درج شدہ سارے افسانے پڑھنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ انہوں نے اردو افسانے کی مروجہ حدوں کو پار کرنے کی ہمت جٹائی ہے۔ اس سے قبل ہمت، جسارت اور بغاوت کے القاب ان افسانہ نگاروں کے لیے استعمال کیے جاتے رہے ہیں جو روایتی موضوعِ ممنوعہ یعنی جنس کو اپناتے تھے۔ جنس کے بعد سیاسی اور مزاحمتی موضوعات کا معاملہ آتا ہے۔ حیدر قریشی ان موضوعات کے دلدادہ نکلے جو مجذوبوں کو ساجتے ہیں۔ وہ ایسے سوالات کے جوابات کے متلاشی معلوم ہوتے ہیں جو قریب قریب لا جواب ٹھہرائے جاتے رہے ہیں۔ یہ بڑا کام ہے اور شاید اسی سبب سے ان کے مختصر لیکن ‘’بڑے افسانے، قاری کا تعاقب کرتے رہتے ہیں۔ آخری سطر پڑھنے پر بھی جان نہیں چھوڑتے سوچنے پر مائل اور دہرانے پر مجبور کرتے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ حیدر قریشی کا افسانہ پڑھنا ایسا ہی ہے جیسے ذاتی زندگی کے کسی تجربے سے گزرنا۔ ا یسے تجربے سے جو سوچ، کشف اور بشارت سے عبارت ہے۔
٭٭٭٭٭

‘’جب میں چلنے کو تھا، آپ یعنی حیدر قریشی ‘’جسم اور روح’‘ پر بزبان تحریر بات کرتے مل گئے۔ موضوع میرا اپنا خاص اور بولنے والا اپنا خاص(جو بھی بھلا لگا وہ بڑی دیر سے ملا)، رُکنا ہی پڑا۔ یہ کیسا اسلوبِ بیان ہے کہ بات سے بات جُڑی ہوئی چل رہی ہے، کبھی خراماں خراماں، کبھی رواں، دواں، کبھی بہہ رہی ہے موج در موج، سیل در سیل، جیسے ہوا۔ اصل موضوع کا یہ حال کہ چلتے چلتے، بہتے بہتے بالکل غائب اور پھر غیر محسوس طریقے سے دوسری باتوں کے درمیان ایک بار پھر نمودار۔ ۔ خیال، فکر، احساس، ادراک، اپنے طور پر ہر قسم کی قید و بند سے آزادجیسے سب اپنے طور پر اپنے اپنے کاموں میں مصروف، باہم آمیز ہو کر بھی اور جدا جدا بھی ایک غیر محسوس اسلوب کے بنتوّں (ٹکسچر)میں بندھے ہوئے۔ بظاہر دھاگے الجھے الجھے اِدھر اُدھر نکلتے ہوئے اور پھر خودبخود جُڑتے ہوئے، جیسے کبھی اُدھڑے ہی نہ تھے۔ عرفانِ روح کے مذہب کے راستے کے علاوہ دوسرے راستوں کی نشاندہی نے مضمون کے دامن کو زیادہ معنی خیز بنا دیا لیکن موضوع کو تشنہ رہنا تھا، سو رہا۔ اصل لطف تو طفلانہ معسومیت، حیرانی اور تجسس کی تحت موجی نے دیا جو مجھ سے کم مایہ قاری سے بھی چھپی نہ رہ سکی۔ باتوں کا سلسلہ اس دوران آپ کی تحریر ’‘اپنے وقت سے تھوڑا پہلے’‘ کی سرحد میں داخل ہو چکا ہے۔ جسم اور روح سے بھی زیادہ گھمبیر اور گہرے معاملے سے ہم اور آپ دوچار ہیں لیکن لفظیات کا تانا بانا قطعی مختلف ہے۔ حیران کن۔ ۔ عجیب طرح کا ہلکا پھلکا پن، ایک مکمل سپردگی، ایک کامل تسلیم و رضا بلکہ راضی بہ رضا والی کیفیت کی فضا میں ایقان کو چھونے والا یہ احساس کہ انسان کی مساعی ہی قدرت کی پراسرار قوتوں کو مشکل کشائی، تعاون اور سرپرستی کی جانب راغب کرتی ہے۔ لاٹری۔ ۔ نوجوان، رقم سے معمور سوٹ کیس، پولیس۔ ۔ درمیان میں آپ پولیس کے نرغے میں۔ ۔ ٹرین سے چھوٹے بیٹے کا اترنا۔ ۔ تبدیلیِ شخصیت و شناخت۔ ۔ پراسرار معاملات۔ کشف کے، وجدان کے، جذب کے، ماہیت قلبی کے، جیسے کوئی شمسؔ تبریزکسی جلال الدین رومی کو قیل و قال کی پستی سے مرتبۂ حال کی بلندیوں پر لے جا رہا ہو۔ ’‘ (اقتباس از مکتوب عبداللہ جاوید
مطبوعہ جدید ادب جرمنی شمارہ نمبر ۱۱۔ جولائی تا دسمبر۲۰۰۸ء۔ ص۲۶۷، ۲۶۸)
٭٭٭

Urdu Literature: His life's work

Sohail Ahmed Siddiqui

Daily Dawn Sunday, 06 Dec, 2009
He bows to his wife and says:
استعارے تو کجا سامنے اس کے حیدر
شاعری ایک طرف اپنی دھری رہتی ہے
Not just metaphors, the entire poetry of mine
Is set aside when she is present
This is a somewhat unusual dedication of Sulagtay Khaab, the first collection of ghazals by Haider Qureshi, an active exponent of Urdu literature living in Germany.The 54-year old poet has published five anthologies of ghazals, nazm, and mahiya. His two collections of short stories, two collections of pen sketches, one book of inshaiya (light essays) and a travelogue of his pilgrimage to Makkah are ample proof of his being a prolific writer.
Eleven of his books along with some other writings have recently been gathered included in a literary journal titled Umre-La'haasil ka Haasil (The outcome of futile life),. Haider Qureshi was born on January 13, 1952 in Chenab Nagar, Punjab. The Seraiki-speaking poet's favourite subject in school was Urdu. His maternal uncle, Habibullah Sadique, is also a poet and while growing up Qureshi was greatly impressed by his melodious voice.By the time he was a student of class IX, Qureshi started writing his own verses.
Soon after matriculation in 1968 he wrote his first romantic story. At the time he was also working at a sugar mill.Later he earned a Masters degree in Urdu. He wrote his first ghazal in 1971 which appeared in Weekly, Lahore, some time in 1972. He participated in his first mushaaira in 1974, under the auspices of Bazm-i-Fareed, Khan-pur.He later laid the foundation stone of Halqa-i-Arbab-i-Zauqu-i-Khanpur with Nazr Khaleeque, A.K. Majed and Jameel Mohsin.
Besides playing a dynamic role in regional literary activities he also participated actively in the Anjuman Insedaad-i-Shoara, Khanpur to unmask fake poets. He is still a deadly enemy of pseudo-poets.In 1978 he launched a literary journal called Jadeed Adab at the cost of his wife's ornaments which he sold one after another and continued the magazine until the last of the jewels went to the goldsmith.
However, he revived the journal from Germany after a lapse of several years.
A strong supporter of Urdu mahiya, Haider has gained not only friendship, but also enmity for his extraordinary efforts in the area.He is the pioneer of the mahiya on correct meter movement. To my surprise, he asked me to write an article in English on the history of Urdu mahiya.With his full support, I was able to pen an article titled Mahiya - Language of Love which was published in the daily Dawn of April 25, 2004.
Haider's poetry is a rich blend of traditional Urdu and the local lingo. In it one can find numerous examples of 'linguistic liberty'. He is perhaps the only living poet who deliberately uses an old Punjabi dialect in Urdu ghazal.
مِرے ہی خواب کنوارے نہیں رہے اب تو
کہ آرزوئیں تری بھی بیاہیاں نہ گئیں
Not only my dreams are left virgin,
but your wishes too, remain unfulfilled
He believes in Roe'be-Husn, the stunning impact of beauty:
اُس سے آنکھیں چار کرنے کا کہاں ہے حوصلہ
جب وہ اپنے دھیان میں ہو تب اسے تم دیکھنا
I have no courage to look at her directly
Better gaze at her while she is lost in herself
The poet is well aware of the fact that notoriety is the fate of love:
دلوں کے کھیل میں پانسہ پلٹ کر رہ گیا کیسے
ہمیں بے نام ہونا تھا، کسی کا نام ہونا تھا
How tables have been turned in love affairs!
We had to become nobody, for someone had to become famous
The dream viewer does have a complaint too:
بھر کے آنکھوں میں سلگتے خواب اس کی یاد کے
مجھ کو سوتے میں بھی حیدر جاگتا رکھا گیا
Having filled my eyes with burning dreams of hers,
I was made awaken, even in the dreams
However, he knows very well how valuable dreams are:
آنکھ کس طرح کھلے میری کہ میں جانتا ہوں
آنکھ کھلتے ہی سبھی خواب اجڑ جاتے ہیں
How can I open my eyes, as I know that
All dreams get decayed when eyes are open
When we seek a new diction with the novel use of old and much repeated words, phrases and metaphors, Haider does not let us down. Here is just one example of his creativity:
کترائے وہ کبھی تو کبھی میں جھجک گیا
اک بھی کنول کھلا نہ حجابوں کی جھیل میں
She tried to avoid me sometime, so I showed reluctance as well
Not a single lotus bloomed in the 'lake of modesty'
The use of simple words, avoidance of complexity and creating a unique environment are praiseworthy. Be it ghazal, nazm or mahiya, the locale is visible in most of his poetry.
He is one of the few selected Urdu poets whose poetry has been translated into Arabic. An Iraqi admirer has posted a translation of one of his poems on an Iraqi website.
Short story writing is yet another form of catharsis for Haider. He mixes the ordinary narrative style with symbolic or somewhat abstract art.
One can see a galaxy of events, personal experiences and sharp observations in his two collections. Recently an Indian writer translated his short stories into English. One hopes to see the book appearing soon.
Pen sketches are a favourite pastime, as he proves his skill in it more briskly than he does in short stories.
Meri Mohabbatein, his first anthology of pen-sketches is full of lively expressions, deep observations and bittersweet memories. He openly admits his errors and blunders wherever they peep into his writing.
Through his writing, we are able to see a true picture of the late Mirza Adeeb who once asked him to let him visit the romantic land of Cholistan and never said, 'Oh, I'm the author of Sehra Navard ke Khutoot. Don't you tell me about its magic.'
He has contributed positively to the promotion of inshaiya in Urdu. Faaslay-Qurbatein, his collection of inshaiyas is full of interesting light essays on various topics.
His careful treatment of each subject is commendable. He has also authored a book on the patron of inshaiya, Dr Wazir Agha.
Six books including a research-oriented thesis for his M.A. have been published about the works of Haider Qureshi, besides five special sections dedicated to him in esteemed literary journals. Above all, he is the greatest supporter of premier Urdu literary websites.
.................................................................
Haider Qureshi’’s splendid collection of short stories extends the range of contemporary Urdu writing available in English translation. Qureshi is a philosophical story teller who ranges from the Ramayana to ecological fables and reflections on the experience of immigrant workers in Germany.His is a singular voice which deserves a wider audience. These stories are thoughtful and full of interest.
Dr. Derek Littlewood, Birmingham City University
...........................................
Haider Qureshi is a Person of exceptional abilitiy and mature intellect. His erudition is praiseworthy. As a creative writer, he has impressed me with the sweep of his imagination and the depth of his emotive stance.
Dr. Wazir Agha, Lahore,Pakistan

CDO_Editor: Is there any particular target market you are trying to reach, and what do you want them to get out of your work?
Haider: Mysticism has always attracted me and I am of the view that it wipes out fanaticism. I am a staunch believer in ideologies and I have been a laborer all my life. I have got a well-knit clan too and all these things are manifested in my writings. But there is one thing. I don't get carried away by castes and creeds and by mythologies and dogmas. Whatever I get from the innards of my soul I present it to the world for its perusal and this is my target. I don't get swayed, at least consciously, by the sectarian dogmas, that are holding the world-peace to ransom now a days. The truth lies in my conscious creativity.
CDO_Editor: Have you ever had writer's block and how do you overcome it?
Haider: It often happens that a lengthy stretch of time passes and nothing oozes out of my pen but being a multi-pronged writer my mind soon intervenes and doesn't allow it to last longer. If the block is for poetry I would write short stories and if it is for fiction then I take to caricatures and reportage. My creativity cannot sit idle for long. But if the block is for the creativity itself I still write this or that on matters more mundane and routine and it acts as a warm up or you can call it 'Foreplay' before a final plunge! I thank God that He has given me that much literary potentiality at least!
) From an INTERVIEW By: Omavi Ndoto (USA) Editor CDO(
٭٭٭

ایوب خاور کی شاعری کا خصوصی مطالعہ

ایوب خاور کی غزل بھی اس کی نظم کی طرح تہہ دار ہے۔ ۔ ۔ ۔ ایوب خاور غزل کے رمزیاتی حسن سے جی بھر کر کام لیتا ہے۔ صداقت کی جستجو میں بھی رہتا ہے، وہ بے چین بھی ہوتا ہے، کڑھتا بھی ہے مگر مجال ہے جو اس کے ہاں Narrationکا انداز جگہ پاسکے۔ وہ اوّل و آخر شاعر ہے، وہ شاعری کے جملہ مطالبات کا لحاظ رکھتا ہے اور تمام فنی تقاضوں کا احترام کرتا ہے اور وہ اس کے باوجود جدید ہے بلکہ جدید تر ہے۔ علامتوں، استعاروں اور لفظوں کو نئی معنویتوں سے آراستہ کرنے والا شاعر، تیکھا شاعر اور جدید ترکا نمائندہ شاعر۔ احمد ندیم قاسمی

ایوب خاور اپنا شعری تجربہ خارج میں موجود معاشرتی تضادات اور شعورِ ذات کے اُن مضافات سے کشید کرتا ہے جہاں آج کا انسان اپنے آپ کو اندرونی سطح پر کئی حصوں میں بٹا ہوا محسوس کرتا ہے۔ یہ مضافات وجود کی دوئی اور عدم اور وجود کی باہم ستیزہ کاری کے مضافات ہیں تاہم فکر کی یہ عمیق رَو اور زندگی کے بارے میں اس کا حکیمانہ طرزِ عمل اُسے اس شعری غنائیتPoetic Lyricismکے قرب و جوار سے دور نہیں لے جاتا جو کسی بھی زبان کی شاعری کا ایک بنیادی اور اہم جزو متصور ہوتی ہے۔ اختر حسین جعفری

ایک چھوٹا سا حوالہ اپنے لیے پیش کر دوں۔ پانچ سال پہلے میں ایوب کو کم سمجھ پایا تھا۔ پانچ سال بعد اب اور بھی کم سمجھ پاتا ہوں، اِس لیے کہ وہ پہلے سے بہت وسیع ہو گئے ہیں۔ بڑے ہو گئے ہیں۔ وہ بڑے شاعر ہیں۔ گلزار

میں ایوب خاور کو اس کے ہم عصروں میں ایک غیر معمولی شاعر سمجھتا ہوں۔ ڈاکٹر انور سجاد

ایوب خاور کی شاعری مجھے اس لیے بھی پسند ہے کہ وہ موسیقی سے اپنی طبعی رغبت کی بِنا پر اپنی شاعری میں ایک ایسی نغمگی کی کیفیت ہمیشہ برقرار رکھتا ہے جو نہ صرف شعر کی قراَت کے دوران لطف دیتی ہے بلکہ اپنی معرفت معانی کے بھی کچھ ایسے در وا کرتی چلی جاتی ہے جن کی ایک اپنی منفرد جمالیات ہے اور بہت کم شاعر ہیں جو ایوب خاور کی طرح اس ہفت خواں کو اتنی آسانی اور کامیابی سے طے کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ امجد اسلام امجد

ایوب خاور تازہ کار اور خوش فکر شاعر ہیں۔ ٹیلی ویژن کی دنیا کی مصروفیات نے ان کے اندر کے شاعر کے اظہار میں کچھ نہ کچھ رکاوٹیں تو ڈالیں لیکن وہ شاعر نہ صرف زندہ رہا بلکہ اپنی آن بان اور شان کے ساتھ زندہ رہا۔ ا۔ ۔ ۔ ۔ ایوب خاور بنیادی طور پر نظم کے نہایت شاندار شاعر ہیں لیکن ان کی غزل بھی اتنی کَسی ہوئی اور بھر پور ہوتی ہے کہ انہیں صرف نظم کا شاندار شاعر کہہ دینا ان کی غزل کے ساتھ نا انصافی ہو جاتا ہے۔ حیدر قریشی
٭٭٭

ایوب خاور

زوالِ شب ہے، ستاروں کو گرد ہونا ہے پسِ نگاہ ابھی ایک غم کو رونا ہے

اب اس کے بعد یہی کارِ عمر ہے کہ ہمیں پلک پلک میں تری یاد کو پرونا ہے

یہی کہ سلسلۂ نارسائی ختم نہ ہو
سو جس کو پا نہ سکے ہم، اُسی کو کھونا ہے

جو لفظ کھل نہ سکیں آئینے پہ، مٹّی ہیں
جو بات دل پہ اثر کر سکے وہ سونا ہے

تُو اس کو توڑنا چاہے تو توڑ سکتا ہے
کہ زندگی ترے ہاتھوں میں اک کھلونا ہے

بس ایک چشم سیہ بخت ہے اور اک تیرا خواب
یہ خواب، خواب نہیں اوڑھنا بچھونا ہے

سفر ہے دشت کا اور سر پہ رخت تنہائی
یہ بار بھی اِسی عمر رواں کو ڈھونا ہے
٭٭٭

ہمیں تھے آبلہ پا، ہم ہی بزم آرا تھے
ترے فراق کی سب منزلوں میں تنہا تھے

گزر کے آئی ہیں جن مرحلوں سے یہ آنکھیں
وہ سب مقام ترے ہجر کا تماشا تھے

گلہ کریں بھی تو کس سے کہ تُو بھی جانتا ہے
اُتر گئے جو رگِ جاں میں، کیسے دریا تھے

بچھڑتے وقت یہ کیا ہو گیا تھا آنکھوں کو
کہ ہم تو تجھ سے فقط نام کے شناسا تھے

صدا بھی دے نہ سکے ڈوبتے ستاروں کو ہزار رنج طبیعت میں کار فرما تھے

پھر اک مسافت گریہ کا سامنا تھا ہمیں
جلے چراغ تو پھر انجمن میں تنہا تھے
٭٭٭

کچھ خواب جو نیند کی جان دکھائی دیے ٹوٹے تو تری پہچان دکھائی دیے

جل تھل تھی لہو سے گلاب نظر سرِ شام جب دھول چھٹی تو مکان دکھائی دیے

اے حرفِ دعا! مرے سچّے حرفِ دعا
کیوں اجر کے دن سنسان دکھائی دیے

موسم بدلا تو ہَواؤں کے ہاتھ میں بھی جو پھول تھے تیر کمان دکھائی دیے

جو میرے لیے سب کچھ تھے وہی اک دن بے آب و گیہ میدان دکھائی دیے

یہ اس کی نظر کا کمال تھا یا کوئی وہم سپنے تتلی کی اُڑان دکھائی دیے

تھک ہار کے جب دریا اُترے تو وہاں اک شہرِ وفا کے نشان دکھائی دیے

جب نہرِ فرات کو ہوش آیا تو اُسے نیزوں پہ چڑھے قرآن دکھائی دیے

خاور اب کس سے کہوں کہ مجھے اک روز
اُس آنکھ میں دونوں جہان دکھائی دیے
٭٭٭

گھر سے نکلے، تری راہ گزر کے ہوئے ہم لوگ تو بس اِسی ایک سفر کے ہوئے

پھر اپنی خاک بھی شہرِ ہَوا کی ہوئی جب رنج مرے کسی دوسرے گھر کے ہوئے

یہ باغِ، بغیچے، رنگ محل اُس کے صحرا و سراب اِس دیدۂ تر کے ہوئے

اک چھاؤں نے میری نیند سے خواب چنے
وہ خواب بھی پھر اُسی چھاؤں، شجر کے ہوئے

پہلے پتواریں ٹوٹ گریں سرِ آب پھر لشکرِ جاں کے علم بھی بھنور کے ہوئے

پاتال کے اندر بھی ہیں سو پاتال یہ راز تو وا پانی میں اُتر کے ہوئے

تم اپنی ذات میں شرمندہ ہو تو کیا رسوا ہم بھی تو محبت کر کے ہوئے

اب اُن کا سمٹنا سہل نہیں خاور!
وہ رنگ کہ جو تصویر بکھر کے ہوئے
٭٭٭

کس موج میں ہے راہ سے بھٹکا ہوا دریا
صحرا کی طرح دل میں اُترتا ہوا دریا

اے حُسنِ دلِ آرا کبھی تُو نے بھی ہے دیکھا
پلکوں تلک آ آ کے پلٹتا ہوا دریا

ہم جس کی بپھرتی ہوئی موجوں میں رواں تھے
دیکھا ہے پھر اِک بار وہ دیکھا ہوا دریا

سینے میں اُتر جانے کو بے تاب ہے کتنا جنگل کی خموشی کو نگلتا ہوا دریا

اِک دن تیری آنکھوں کے کناروں سے بہے گا
بادل کی طرح دل سے لپٹتا ہوا دریا

اِک وحشتِ بے نام نہیں چھوڑتی دل کو
اک ہجر ہے اور ریت کا اُڑتا ہوا دریا

کیا جانئے، کس رنگ میں، کس گھاٹ لگے گا
یہ سنگ و شجر روند کے جاتا ہوا دریا

پھر حرفِ رگِ دل کی تہوں میں سے نکل کر
آیا ہے سرِچشم اُمڈتا ہوا دریا
٭٭٭

کوئی کیا دیکھ پائے گا یہ پامالی مرے دل کی
سخن سازی مرے دل کی، بھری خالی مرے دل کی

یہ زخمِ نارسائی گرچہ گہرا بھی ہے، کاری بھی
بچائے گی مگر مجھ کو، کہن سالی مرے دل کی

ابھی تو صورتِ مجنوں سرِ صحرا بھٹکتا ہے
تم آؤ گے تو لوٹ آئے گی خوش حالی مرے دل کی

دلِ پر خوں ابھی تک ورطۂ حیرت میں گم سُم ہے
کچھ اس انداز سے کاٹی گئی جالی مرے دل کی

یہ رمزوں اور کنایوں میں کبھی ظاہر نہ ہوتا تھا
مگر تم نے یہ کیسے رمز ہتھیا لی مرے دل کی

یہ عشق و آگہی کم بخت بھی اک مستقل شے ہے
بہت بوجھل سی رہتی ہے سبک سالی میرے دل کی

ابھی تو سانس چلتی ہے، یہ آنکھیں نَم بھی رہتی ہیں
اب آگے کیا دکھائے گی زبوں حالی مرے دل کی

یہ ضربِ درہم و دینار کی ہے کار فرمائی
کئی نسلوں کے دل تک جائے گی لالی، میرے دل کی
٭٭٭

پوچھتے ہو کہ یہ کیا رکھا ہے آئینے میں
ایک جادو سا جگا رکھا ہے آئینے میں

یہ جو میلہ سا لگا رکھا ہے آئینے میں کون مہمان بلا رکھا ہے آئینے میں

ایک صحرا تو مرے سینے میں بَل کھاتا ہے
دوسرا لا کے بچھا رکھا ہے آئینے میں

وقت نے نوچ اُڑایا ہے ہر اک منظرِ خوش اک ترا عکس بچا رکھا ہے آئینے میں

چشم و لب، عارض و ابرو و خمِ زلفِ رسا
کس نے یہ حشر اُٹھا رکھا ہے آئینے میں

ایک فتنہ جو ستاتا تھا بہت پہلو میں
تھپکیاں دے کے سُلا رکھا ہے آئینے میں

اک دِیا رات کی چوکھٹ سے لگا بیٹھا ہے
اک دِیا ہم نے جلا رکھا ہے آئینے میں

نیند تعبیر کے جھونکوں میں اُڑی جاتی ہے
خواب کو ہم نے جگا رکھا ہے آئینے میں

آ کے دیکھو تو سہی جانِ جہاں ! جہانِ جہاں !
ہم نے اک پھول کھلا رکھا ہے آئینے میں
٭٭٭

اک خواب ہے، اِس خواب کو کھونا بھی نہیں ہے
تعبیر کے دھاگے میں پرونا بھی نہیں ہے

لپٹا ہوا ہے دل سے کسی راز کی صورت
اک شخص کہ جس کو مِرا ہونا بھی نہیں ہے

رکھنا ہے سرِ چشم اِسے ساکت و جامد
پانی میں ابھی چاند بھگونا بھی نہیں ہے

ہر چند ترے نقشِ کفِ پا میں ہے لیکن
یہ دل کسی بچے کا کھلونا بھی نہیں ہے

وابستہ ہے مجھ سے کہ تُو ہے بھی کہ نہیں ہے
جب میں نہیں تجھ میں، ترا ہونا بھی نہیں ہے

یہ عشق و محبت کی روایت بھی عجب ہے
پایا نہیں جس کو، اُسے کھونا بھی نہیں ہے

جس شخص کی خاطر ترا یہ حال ہے خاورؔ
اُس نے ترے مر جانے پہ رونا بھی نہیں ہے
٭٭٭

طلسمِ اسمِ محبت ہے در پئے درِ دل
کوئی بتائے اب اِس کا کرے تو کیا کرے دل

فسونِ جنبشِ مژگاں نہ پوچھئے، سرِراہ
پکارتے ہی رہے ہم ارے! ارے! ارے دل!

پھر اُس کے بعد ہمیں یہ بھی تو نہیں رہا یاد
نظر گِری ہے کہاں، کھو گیا کہاں زرِ دل

قدم قدم پہ ترا غم ہے خیمہ زن مری جاں
ہُمک بھرے بھی تو آخر بتا! کہاں بھرے دل

یہ کُنجِ لب، یہ خمارِ وصال اپنی جگہ
مگر جو ہجرِ مسلسل بپا ہے برسرِ دل!

یہ تُو جو مہر بہ لب ہے تو کس لیے خاورؔ
یہ دیکھ کیا ہے تہہِ دل، ہے اور کیا سرِ دل
٭٭٭

چمن سمیٹ کے رنگِ قبا میں رکھتا ہوں
مہک تمھاری دلِ گل ادا میں رکھتا ہوں

کسی کے ہاتھ لگے اور نہ کوئی چھو پائے
وہ ایک سم جسے رقصِ انا میں رکھتا ہوں

میں اک قدم تری دہلیز سے اُٹھاتا ہوں
تو دوسرا قدم اوجِ خلا میں رکھتا ہوں

تمھارے جھوٹ، تمھارے ہی منہ پہ دے ماروں
یہ حوصلہ دلِ بے دست و پا میں رکھتا ہوں

بجھا سکے تو بجھا دے کہ میری عادت ہے
دیا جلا کے ہمیشہ ہَوا میں رکھتا ہوں

ہتھیلیوں پہ اُگاتا ہوں پھول صحرا کے
سراب چھان کے صحن وفا میں رکھتا ہوں

وہ اور ہیں جنھیں قدموں کی دھول جانتا ہوں
تمھیں تو خیر میں حیرت سرا میں رکھتا ہوں

عدو بھی تم ہو، عداوت بھی تم، عدالت بھی
اِسی لیے تمھیں خوفِ خدا میں رکھتا ہوں

گماں میں رکھتی ہے تم کو اگر ستم صِفتی
یقین میں بھی تو روزِ جزا میں رکھتا ہوں
٭٭٭

ایک منجمد وداعی لمحہ

میں نے جُوں ہی کمرے کا دروازہ کھولا
دیکھتا کیا ہوں !
کمرے کی جو چیز جہاں تھی
ویسی کی ویسی دھری ہوئی ہے

ڈریسنگ ٹیبل کے کونے پر
سیفٹی پن کے ڈبے کا ڈھکنا بس یوں ہی گرا پڑا ہے
ہیئر برش کے دانتوں میں
کچھ بال ہیں تیرے پھنسے ہوئے
سینٹ کی شیشی کھُلی ہوئی ہے
تیرے پرس کے اندر سے اِک شخص کی فوٹو اُس کے
اُوپر گری ہوئی ہے
میری چپلیں
بالکنی کے دروازے کی اوٹ میں اُلٹی پڑی ہوئی ہیں
میری گھڑی
اور تیرا کنگن
تکئے کے نیچے سے ہو کر فرش پہ اوندھے پڑے ہوئے ہیں
ٹی وی سیٹ بھی جب سے یوں ہی کھلا ہوا ہے
کین کے سنگل سیڑ کے اک بازو پر
میری بیلٹ کے ہُک میں تیرے
سبز دوپٹے کا اک کونا اَڑا ہوا ہے
بستر کی چادر اور تکیے
اک دوجے سے گتھم گتھا ہو کر گہری نیند کے تھل میں
دھنسے ہوئے ہیں
تُو نے جانے سے پہلے
جو منظر جامد کیا تھا، اُس میں
کمرے کا دروازہ کھول کے میں بھی شامل ہوا کھڑا ہوں
کاش!
اچانک دھم سے آ کر
تُو اِس جمے ہوئے منظر کو
اپنی آہٹ کی حدّت کی آنس تودے
مجھ سے باہر، مجھ میں شامل
اس منظر کا کوئی حصہ سانس تولے!…
٭٭٭

نظم لکھتی ہے تجھے

میں نہیں
یہ نظم لکھتی ہے تجھے
اپنی سطروں میں ترے ہاتھوں کی شمعوں کی نزاکت
صبحِ حرفِ خواب کے رنگوں سے لکھتی ہے
تری ان سبز آنکھوں کے انوکھے زاویوں کو
، جھوٹ سچ کو، جھوٹ سچ اور مصلحت کو
اور حسنِ مصلحت کے
راز لکھتی ہے
جانِ جاں یہ میرے لہجے میں
ترے سُرتال لکھتی ہے
مرے دن کی اُداسی، راستہ تکنے کی عجلت
اور مری آنکھیں جو تیری چمپئی خوشبو کی گرہوں میں بندھی رہتی ہیں
ان کا حال لکھتی ہے

نظم میری ہے مگر دھڑکن کے وقفوں میں
ترے قدموں کی آہٹ اور ترے سب خال و خد
نقطوں، کشوں اور دائروں کے باب میں
لکھتی ہے کاغذ کی سفیدی پر
ترے ماتھے کی روشن صبحیں
شامیں درج کرتی ہے
کبھی ترے گھنے بالوں سے مضموں باندھتی ہے
اور کبھی تری سلگتی سانس سے مصرع بناتی ہے
کبھی تیرے لہو کی آنچ سے عنواں چراتی ہے
ترے چشم و لب و رُخ کے کنارے
تجھ سے ملنے کے کئی رَستے سجھاتی ہے
کچھ اس انداز سے تجھ کو
مری خاطر
مری یہ نظم لکھتی ہے
٭٭٭

گریہ

(فیض صاحب کے لیے)

فیض صاحب!
یہ کیا کہ اپنے لیے
دمِ رخصت سرِدیارِلحد
اک عدد ان سِلی قبا کے سوا
آپ نے کچھ نہ انتخاب کیا
ہم بھی تھے
اور ہماری آنکھیں بھی
آنسوؤں میں گندھی ہوئی آنکھیں
ہم بھی تھے
اور ہماری سانسیں بھی
ہچکیوں سے بندھی ہوئی سانسیں
ہم بھی تھے
اور یہ لبِ اظہار
لبِ اظہار پر کھلی سرسوں
ماتمی دل بھی اور اس دل کے
آئینہ خانۂ ملال میں تھے
کتنے موسم صفِ چراغ میں تھے
مگر اک شمعِ تعزیت کے سوا
آپ نے کچھ نہ انتخاب کیا
اب جو یہ باقیات گریہ ہیں
کس کی آنکھیں بہم کریں گی اِنھیں !
کس کی پلکیں رقم کریں گی اِنھیں !
٭٭٭

اماوس

رقص کرنا تھا سمندر نے
مگر یہ چاند !
اس کو کیا ہوا!…
اس چودھویں کے چاند کو کس کی نظر کے
کالے بادل گھیر کر اپنی گپھا میں لے گئے
اے رات!
آنکھیں کھول
اک لمحے کو دیکھ
اپنے ساحل سے پرے
بوڑھا سمندر
رقص کے اِک زاویے میں منجمد ہے
منتظر ہے
چاند کو اپنی گپھا میں سے نکال
تاروں سے کہہ
بادلوں کی اوٹ سے نکلیں
ذرا سی دیر کو
اپنی جھلمل کی …تکت، ترکٹ، تہ، دھا، تک، سے
کتھک کی لے دکھائیں
آنکھ بھر اس آسماں پر
کہکشاں ترتیب دے کر تال دیں
بوڑھا سمندر
رقص کرنے کو بہت بے تاب ہے
٭٭٭

ایک رقاصہ سے

کون سے گیت کی لَے
کون سے راگ کے سُر
کون سی تال کے وقفے میں ترا ذہنِ رسا
سانس لیتا ہے
مجھے یاد کیا کرتا ہے
مگر ایسے میں، کِسے!کون!کہاں یاد کیا کرتا ہے
سانس پر سانس چڑھی ہوتی ہے
رقص کے تیز، سُبک، گرم بہاؤ میں تجھے
دیکھنے والوں کی
وحشت میں سلگتی آنکھیں
سَر سے نوکِ کفِ پاتک
تیرے سُر تال میں بھیگے ہوئے
کم خواب صفت جسم پہ جب رینگتی ہیں
ایسے میں دُور کہیں
تیر ی دَہکار کی صر صر سے بہت دُور کہیں
کُنجِ تنہائی کی بُکّل میں ٹھٹھرتے ہوئے
بے رخت مسافر کو
بھلا کون! کہاں یاد کیا کرتا ہے!!
٭٭٭

التجا

رُدھالی!سن
مجھے رونا نہیں آتا
میں اپنے سب سے پیارے خواب کے
مرنے پہ رونا چاہتا ہوں
اور مجھے رونا نہیں آتا
ردھالی!
تجھ کو رونے کی کمی کب ہے
تری زنبیل میں کیا کیا نہیں ہے
آنسوؤں کی کہکشاں ہے، درد میں ڈوبی ہوئی
سسکار کا جادو، صفاتِ گریہ سے لب ریز لفظوں
کے سبک آہُو اور اُس پر ایک وحشت سے
بھری بے ربط سر گم کی فُسوں کاری
ردھالی!
تیرے سینے کی اتھاہ زنبیل میں ہر غم کا نم ہے
تُو تو سخیوں کی سخی ہے
اے سخی!
صرف ایک آنسو
ایک سسکی
اور اک وحشت بھری آواز کی بے ربط سرگم کی فسوں کاری
مرے اس خواب کی میّت کے پہلو میں سخن کر دو
مجھے رونا نہیں آتا
٭٭٭

بہت سُوکھے ہوئے دن ہیں

بہت سُوکھے ہوئے دن ہیں
مرے کانٹوں بھرے حلقوم جیسے دن
بگولے جن کے پیروں کے سلاسل اور خزاں کی
کرم خوردہ
زرد، میلی دھوپ کا کمبل ہے جن کے مضمحل شانوں پہ
گردن کی نکلتی ہڈیوں میں جیسے کوئی طوق سے
پہنے ہوئے قیدی، بہت رُوکھے،
بہت سُوکھے ہوئے دن ہیں
بہت روٹھے ہوئے دن ہیں
برہنہ پا
یہ ننگے سر کھڑے، میری طرح یہ چاک داماں،
خاک زادے
یہ ہتھیلی کی طرح ادھڑے ہوئے، پیروں کے
تلووں کی طرح چٹخے ہوئے، سینے کی محرابوں کی
صورت خم بہ خم دھونکے ہوئے دن ہیں
یہ دن جن کی رگوں میں سبز خوشبو کی جگہ
صحراؤں کی سی پیاس چلتی ہے
لبوں کی پپٹریوں میں ریت اُڑتی ہے
اور آنکھوں کے کھنڈر جھانکو تو جیسے ان میں خوابوں
اور سرابوں کے کبوتر، پر کٹے اندھے کبوتر ہیں جو
اپنی پھڑپھڑاہٹ میں مقید ہیں
یہ دن
میری طرح جن کے سبک سینوں میں
سورج اس طرح گاڑے گئے ہیں گویا اب ان کے
مقدر میں نہ کوئی شام آئے گی
نہ دیوار شبِ وعدہ کہ جس
کے سائے میں بیٹھے ہوئے لمحوں نے
اپنی اوک میں کچھ چاند
بھر رکھّے ہیں جانِ جاں ! مگر کس کے لیے…سوچو!
ذرا سوچو!
ذرا سوچو…
کہ اِن کی چاندنی اب میرے جیسے
چاک داماں، خاک زادوں کے
بھلا کس کام آئے گی!!!
٭٭٭

میں، تم اور میرے بجھے ہوئے دن

وقت کی شاخ سے
زرد پتّوں کے مانند ٹوٹے ہوئے
جتنے دن
تیرے بن
میری آنکھوں کے برزخ میں آ کر گرے جانِ جاں !
پوچھتے ہیں بتا!
کون سے پھول تھے، جن کی کلیوں کو مَس کر کے
اپنی دوپہروں کا جادو جگاتے ہوئے
اپنی شاموں کی پیشانیوں پر ستارے بناتے ہوئے
کس افق زار میں ڈوبنا تھا ہمیں
وہ افق، آسماں اور وہ کارِ جہاں
ہے کہاں !
ہم تو یوں تیری پلکوں پہ آ کر گرے تھے کہ بس
پھر وہیں جم گئے
اب مہہ و سال کی جمع تفریق میں کس طرح آئیں گے
ہم نہ صرفے گئے اور نہ برتے گئے
اور حساب و کتابِ عمل میں کہیں کچھ نہیں
تیری آنکھوں کے برزخ میں
بے نام و بے مایہ کب سے پڑے، اپنے ہونے
نہ ہونے کی تصویر ہیں
پا بہ زنجیر ہیں
٭٭٭

خزاں کو کیا ہوا ہے

خزاں کو کیا ہوا ہے
یہ مرے دل کی رگوں میں سے نکل کر
شہر کی گلیوں، محلّوں، شاہراہوں اور سڑکوں پر
بھلا کیوں دندناتی پھر رہی ہے!
میں نے تو اس کو بہت مشکل سے
اپنی دھڑکنوں کی چپ میں کس کر باندھ رکھا تھا
اور اب یوں ہے کہ میری آرزوئیں
اور سارے خواب، پتّوں کی طرح
سوکھی ہَوا کے ہاتھ میں
لا وارثی کی گرد میں لپٹے، بگولہ وار اُڑتے پھر رہے ہیں
کوئی کھڑکی، کوئی دروازہ، دریچہ، کھل نہیں سکتا
مقفّل ہے
یہ شہر اندر سے باہر سے مقفّل ہے
خزاں کو کیا ہوا ہے…!
٭٭٭

رفوگر!

رفوگر!
دھیان سے
یہ زخم خنجر کے نہیں
ادھڑے ہوئے وعدوں کی رسوائی کے ہیں
اِنھیں چھُونا نہیں
اِن کی تہوں میں جھانک کر
دردِ مسلسل کے دھڑکنے کو پرکھنے کی ضرورت بھی نہیں ہے
دل ہے آخر
اور پھر زخموں سے چھلنی ہے
کہیں سے لاؤ اُس کے لمس کا اطلس
کہیں سے لاؤ اُس کا عکسِ مہ تابی
رفوگر!
اُس کے کُنجِ لب سے کوئی مسکراہٹ کا ذرا سا شائبہ،
اک واہمہ
اُس کی گلابی انگلیوں کا رَس…مگر… بس
اب نہیں … اب کچھ نہیں … بے فائدہ ہے
کچے پکّے عشق کے مدِّ مقابل
تیسرے درجے کا کینسر!
رفوگر!
زخم رہنے دو، یہ جیسے ہیں اِنھیں ویسا ہی رہنے دو…
مگر…بہنے نہ دو
ایسا کرو
لوہے کی تاروں سے اِنھیں آہستگی کے ساتھ سِی دو
اور ملاقاتی کوئی آئے
تو باہر لکھ کے لٹکا دو
کہ چھوٹی عمر میں
اتنے بڑے اور بوڑھے زخموں والے پیشنٹ دیکھنا
اچھا نہیں ہوتا
٭٭٭

مون سونی رقص کے کچھ منظر

ہوا پائل بہ پا اتری ہے شاخوں میں
درختوں کی گھنی شاخوں میں
جن کے چھوٹے چھوٹے بازوؤں کو چلچلاتی
دھوپ کے ٹکڑوں نے گہری خامشی اور
حبس کی گرہوں میں کَس کر باندھ رکھا تھا
ہرے پتے جو سر نیوڑھائے اپنے ڈنٹھلوں پر
ایک دُوجے کی سلگتی گود میں سردے کے
بیٹھے تھے، ہَوا کے پاؤں میں جھن جھن
جھنکتی پائلوں کی سرگمیں سُن کر اچانک
کھل کھلا اُٹھے
شکستہ ٹہنیوں نے ایک انگڑائی سی لی
پتوں نے پھر تالی بجا کر داد دی
یک دم ہَوا کی ایڑیاں اُٹھیں تو کیا
دیکھا کہ شاخوں، ڈنٹھلوں اور دھوپ
کھائے سبز پتوں نے کتھک کی چال چلتے
مون سونی رقص کا آغاز کر ڈالا

(کچھ دیر بعد)

ہَوا کے بھاؤ تاؤ دیکھ کر بادل ٹھٹھکتے ہیں
اور اُس کے انگبیں آنچل کی لہروں پر ذرا
جھکتے ہیں، اس کو داد دیتے ہیں، ہَوا ایڑی
کے بل پر گھوم جاتی ہے
درختوں کے سبھی ہمسائے اس کے رقص میں
ہم تال بنتے ہیں اور ان جیسے کئی بچے سب اپنے اپنے گھر کے آنگنوں میں رقص
کرتے ہیں
ہَوا جب سم دکھاتی ہے تو پتے کھل کھلاتے
اور بوندوں کی سبک پائل کی جھن جھن پر
ادا سے لوٹ جاتے ہیں، درختوں میں ہوا
کے رقص پرسب رقص کرتے ہیں

(اور کچھ دیر بعد)

یہ رقصِ مون سونی تیز ہوتا ہے
ذرا دیکھیں کہ بادل کس تلاطم سے گمگ کے ساتھ
مشکیزہ بکف نیچے اُترتا اور تہائی پر تہائی
مارتا ہے اور ہَوا سم سے نکل کر ماتروں
کی گنتیوں اور ایڑیوں کی سپتکوں میں ایک
ایسی چال سے لے دیکھتی ہے جس میں کھو
کر گرد، مٹی، پانی پانی ہوتے جاتے ہیں

(مزید کچھ دیر بعد)

درختوں اور ہَوا کے مون سونی رقص میں
بارش کی ممتا، کھیت، کھلیانوں، پہاڑوں، وادیوں آبادیوں کے اونچے نیچے سارے دیوار و در و بام،
آنگنوں اور آنگنوں میں کھلنے والے پھول، کلیاں اور سب سے بڑھ کے جانِ جاں !
تمھارے ہجرسے لیپے ہوئے اِس دل کا چہرہ دھو رہی ہے
کیا ہَوا بھی رو رہی ہے!
٭٭٭

خزاں کو کیا ہوا ہے

خزاں کو کیا ہوا ہے
یہ مرے دل کی رگوں میں سے نکل کر
شہر کی گلیوں، محلّوں، شاہراہوں اور سڑکوں پر
بھلا کیوں دندناتی پھر رہی ہے!
میں نے تو اس کو بہت مشکل سے
اپنی دھڑکنوں کی چپ میں کس کر باندھ رکھا تھا
اور اب یوں ہے کہ میری آرزوئیں
اور سارے خواب،
پتّوں کی طرح سوکھی ہَوا کے ہاتھ میں
لا وارثی کی گرد میں لپٹے، بگولہ وار اُڑتے پھر رہے ہیں
کوئی کھڑکی، کوئی دروازہ، دریچہ، کھل نہیں سکتا
مقفّل ہے
یہ شہر اندر سے باہر سے مقفّل ہے
خزاں کو کیا ہوا ہے…!
٭٭٭

انتظار

(اپنے ہم زاد کے لیے)

جانے کب اُس کھڑکی میں اک صبح سبز کی آنکھ کھلے
اور کنجِ خواب سے باہر آ کر وصل کا پھول کھلے
اُس آنچل میں خوشبو ٹانکے
اُن آنکھوں کے پیچھے چھپ کر رنگ لباس اُتاریں
اُن ہونٹوں کے خواب کنارے چھو کر بات بنا لیں
جانے کب، کس وقت، صبا کی زنجیریں کھل جائیں
اک خوشبو کی بارش ہو تو آئینے دھُل جائیں
٭٭٭

اندیشہ

تم کہتے ہو
نظم لکھو
اور اپنی اس اک بات کو خاورؔ
مصرعوں میں زنجیر کرو
میں کہتا ہوں
درد میں لپٹی
سوگ میں ڈوبی
روگ کی روگی اس اک بات کے کتنے معنی نکلیں گے
کیا تم نے یہ سوچا ہے؟
٭٭٭

لگتا ہے اب بارش ہو گی

وزیر آغا (لاہور)

لگتا ہے اب بارش ہو گی
دھان کے سوکھے کھیتوں پر
سب خاک اُڑاتے رستوں پر
جو قدموں میں پامال ہوئے ہیں
دھوپ کی مَیلی چادر اوڑھے
جن کو لاکھوں سال ہوئے ہیں
لگتا ہے اب بارش ہو گی!

لگتا ہے اب بارش ہو گی
تنکا تنکا پلکوں پر
پلکوں سے چمٹے خوابوں پر
خوابوں میں بند جزیروں پر
سب خالی دودھ کٹوروں پر
سب بچوں پر
سب سُوکھے پیاسے ہونٹوں پر
سب پانی کے رکھوالوں پر
اور سیس کٹانے والوں پر
اب بارش ہو گی
لگتا ہے اب بارش ہو گی!!
٭٭٭

وزیر آغا

دیے اگر وہ ترے شہر کے بجھا دیتے ستارے ہم بھی کہیں سے تجھے منگا دیتے

بلا لیا ہوتا ہمیں اگر سمندر نے تو ہم بھی کشتیِ جاں داؤ پر لگا دیتے

بتائیں کیا کہ اُداسی تو اپنی عادت ہے
جو ہوتی دل میں کوئی بات تو بتا دیتے

فشارِ غم کا اگر دیکھنا ضروری تھا تو میرے حصے کا غم ابر کو دلا دیتے

دیا جواب نہ تو نے تو ہم برہنہ پا، گئے پہاڑ کی جانب تجھے صدا دیتے

نہ حرف حرف مٹایا گیا ہمیں ورنہ ہم اپنے مٹنے کا منظر تجھے دکھا دیتے

ہوا پہ ہو گا تجھے اعتبار ہم کو نہیں
‘’ہوا کو کیسے ترے شہر کا پتہ دیتے’‘
٭٭٭

اے ہم سفر!

غالب احمد (لاہور)

عجز کے رستوں کے راہی!
راستے دشوار تھے
دشتِ خزاں کے
خاک و خوں کی آندھیاں تھیں
زخم تھے تلوار کے
جھک گئے اس کی رضا کے سامنے
سجدہ کناں تھے
ہم نے پیمانِ وفا پورا کیا
قافلہ چلتا رہا
گریۂ شب کا اثر
‘’وہ’‘ ہے کدھر
‘’پھر بہار آئی خدا کی بات پھر پوری ہوئی’‘
پھر بہار آئے گی
ہم ہیں منتظر
اے ہم سفر!
٭٭٭

بادِ خزاں کو کیا پروا ہے؟

ستیہ پال آنند (امریکہ)

اکتوبر ہے
کہرے کی اک میلی چادر تنی ہوئی ہے
اپنے گھر میں بیٹھا مَیں کھڑکی سے باہر دیکھ رہا ہوں
باہر سارے پیڑ
دریدہ، پیلے، یرقانی پتّوں کے
مَٹ مَیلے ملبوس میں لپٹے، نصف برہنہ
بادِ خزاں سے الجھ رہے ہیں
حرف حرف پتّوں کا ابجد
پت جھڑ کی بے رحم ہوا کو سونپ رہے ہیں
میں بھی ‘’اَلِف’‘ سے چلتا چلتا
اب ‘’یائے معروف‘‘ پہ پاؤں ٹکا کر بیٹھا
ایک قدم آگے ’’مجہول‘‘ کو دیکھ رہا ہوں
ننگے، بُچّے، دیمک چاٹے
عمر رسیدہ پیڑ بھی اپنا ابجد کھو کر
برف کا بوجھ نہیں سہہ پاتے۔ گر جاتے ہیں
اکتوبر سے چل کر میں بھی
اپنے ابجد کی قطبینی ‘’یے’‘ کی یخ بستہ چوکھٹ پر
جونہی شکستہ پاؤں رکھوں گا۔ ۔ گر جاؤں گا
بادِ خزاں کو کیا پروا ہے؟
اس کو تو پیڑوں کو گرانا ہی آتا ہے!
٭٭٭

اکبر حمیدی (اسلام آباد)

کچھ زمیں پر رہ گیا کچھ آسماں میں رہ گیا
اک ضروری کام تھا جو درمیاں میں رہ گیا

چاہتیں دونوں طرف تھیں پر نہ مل پائے کہیں
میں مکاں میں وہ غرورِ لا مکاں میں رہ گیا

دل میں کیا کچھ تھا مگر کچھ بھی نہ کہہ پائے انہیں
حرفِ مطلب جو بھی تھا حُسنِ بیاں میں رہ گیا

جو بھی سنتا اس کو خوش الحانیاں کہتا رہا
رنج صحرا کا صدائے سارباں میں رہ گیا

فردِ واحد تھا مگر وہ پوری دنیا تھا مری
ساتھ رکھنا چاہا مگر وہ گھرا ں میں رہ گیا

مجھ کو مل جاتا تو مہر و ماہ کر دیتا اسے
وہ ستارہ جو غبارِ کہکشاں میں رہ گیا

غور سے دیکھا تو اکبرؔ ہر کوئی جانا یہی
کوئی ناں کوئی خلا عمرِ رواں میں رہ گیا
٭٭٭

حیدر قریشی

(۷۷۔ ۱۹۷۵ کے عرصہ میں مدینہ بھاولپور میں چھپی ہوئی ایک غزل کے پہلے دو اڑھائی شعر یاد آنے پر اس غزل کو نئے سرے سے مکمل کر لیا ہے۔ ح۔ ق)

کوئی آوارہ ہے یا بھٹکی ہوئی ہے زندگی
موت کی نظروں میں جو کھٹکی ہوئی ہے زندگی

شور سنتے تھے بہت لیکن حقیقت اور ہے
ایک ہی تو سانس پر اٹکی ہوئی ہے زندگی

کربلا کی خاک پر روندی گئی ہے اور کبھی
نفرتوں کی دار پر لٹکی ہوئی ہے زندگی

دھوپ میں ٹھنڈک، تمازت گھل گئی ہوں جس طرح
ایسے سارے دہر میں چھٹکی ہوئی ہے زندگی

رنگ و خوشبو کا کوئی جادو اسی کے دَم سے ہے
گلشنِ ہستی میں جو چٹکی ہوئی ہے زندگی

یہ تو بس موّاج لہروں کا انوکھا کھیل ہے
کب کسی ساحل، کسی تٹ کی ہوئی ہے زندگی

اور تھے حیدرؔ جو اس کی چاہ میں مرتے رہے
ہم نے الٹے ہاتھ سے جھٹکی ہوئی ہے زندگی
٭٭٭

خاور اعجاز (ملتان)

کون کہتا ہے محبت نہیں رہتی مجھ میں
بس وہ اظہار کی عادت نہیں رہتی مجھ میں

ایک روٹین سی ہو جاتی ہے کچھ عرصہ بعد
اور پھر خواہش خدمت نہیں رہتی مجھ میں

جی تو کرتا ہے شبِ ماہ میں گھوموں لیکن
شام کے بعد اجازت نہیں رہتی مجھ میں

جس طرح دھیان حریفوں کا لگا رہتا ہے
ویسی فکرِ شرو شہرت نہیں رہتی مجھ میں

گلے رہتے ہیں مگر ان کے قریبوں سے بہت
شیخ صاحب سے شکایت نہیں رہتی مجھ میں

مجھے احساسِ ندامت تو بہت رہتا ہے
سر جھکا دوں تو اذیت نہیں رہتی مجھ میں

دل میں آتے ہیں خیالات مرصع ہو کر
نظر ثانی کی ضرورت نہیں رہتی مجھ میں
٭٭٭

احمد حسین مجاہدؔ ( ایبٹ آباد)

من کو شانت کیا تھا گھر کو مہکا رکھا تھا
بھولی بسری یاد نے انت مچا رکھا تھا

گاڑی مجھ کو جیسے چھو کر گذر گئی تھی
میں نے خود کو اور کہیں الجھا رکھا تھا

سانسوں کی تاریک گذر گاہوں سے آگے اُس نے مجھ میں اپنا دیا جلا رکھا تھا

ترزی سے بہتے پانی پر گاڑ کے نظریں ہم دونوں نے پل کو ناؤ بنا رکھا تھا

میں نے اس کو موت کی آنکھ سے دیکھا ورنہ
وہ اک عام سا شخص تھا اُس میں کیا رکھا تھا

بیچ بھنور کے اس نے اتار دیا کشتی سے
میں نے رختَ سفر میں آئینہ رکھا تھا
٭٭٭

مشتاق آثمؔ ( واہ کینٹ)

کہیں جنگلوں کے سکوت میں

کہیں جنگلوں کے سکوت میں
مٹے راستوں کے ہجوم میں
جو کوئی چلا بڑی دیر تک
تو پلٹ کے آنے کے سلسلے تھے
دھواں دھواں
یہ جو زندگی کا سکوت ہے
یہ جواز ہے کسی بھول کا
یہ سفر ہے زیست کا سلسلہ
سدا آنا جانا لگا رہے
ذرا چمکے، مہر و یقین کا
تو یہ دھُند آنکھ سے دور ہو
میرے قلب و جاں میں سرور ہو
٭٭٭

راجہ محمد یوسف (جرمنی)

مضطرب، بے کل، سراپا جستجو، بِکھرا ہوا
ڈھونڈتا پھِرتا ہوں تجھ کو کُو بکُو بِکھرا ہوا

روز اِک امید کی تازہ کِرن کے شوق میں
روز ہوتا ہوں کِسی کے رو برو بِکھرا ہوا

امتحاں در امتحاں در امتحاں در امتحاں
ہر قدم پر منتظِر اِک فتنہ خُو بِکھرا ہوا

گردشِ ایّام میں اُلجھا ہوا ہوں اِس قدر
دیکھتا ہوں دُور سے جام و سبو بکھرا ہوا

پوچھئے مت مَشغلہ کیا ہے مریضِ ہجر کا
دامنِ صد چاک کرتا ہے رفو بِکھرا ہوا

جاگتی آنکھوں سے شب بھر دیکھتا رہتا ہوں خواب
پا بجولاں میں اسیرِ آرزو، بِکھرا ہوا

ہے پسِ اشکِ رواں وہ جذبۂ عشق و وفا
اِک خزانہ جیسے زیرِ آبِ جُو بِکھرا ہوا

کِس قدر پُر کیف ہے اِک موجۂ بادِ صبا
یار کی زلفوں سے ہو کر مُشکبو، بِکھرا ہوا

ایک عالم گوش بر آواز سنتا ہے مجھے
وَجد میں آ کر کروں جب گفتگو بِکھرا ہوا

پھر دلِ بے تاب میں یوسفؔ کوئی طوفان ہے
آئینے میں دیکھتا ہوں عکسِ رُو بِکھرا ہوا ٭٭٭

خالد ملک ساحل (ہمبرگ، جرمنی)

چلو مسافر

چلو مسافر، اُداس شاموں کی رہ گزر میں
ستارے ڈھونڈیں
چھلکتی آنکھوں میں زندگی کے جو بچ گئے ہیں وہ خواب ڈھونڈیں
بھٹکتی گلیوں میں آبلوں کے گلاب دیکھیں
پہاڑ سوچوں میں سبز رنگوں کے خواب دیکھیں
چلو مسافر
نشانِ منزل جو خواب سا ہے، جو آرزوؤں کا حادثہ ہے
اُسی کے رستے میں کہکشائیں بکھیر دیں ہم
بقا کے رستے میں خیمہ زن ہیں، خطا کے لشکر، فنا کے لشکر
چلو مسافر فنا کے گھرسے
بقا کی کی منزل اُٹھا کے لائیں
حکایتوں میں حقیقتوں کا مزاج بھر دیں
کسی کے گھر میں
اندھیرے گھر میں
چراغ رکھ دیں
چھلکتی آنکھوں میں خواب رکھ دیں
٭٭٭

خالد ملک ساحل

اچھا تھا یا خراب تھا، میرے حساب میں
پانی بھی جب شراب تھا، میرے حساب میں

میری طلب کے ہاتھ میں لمبی لکیر تھی
سب کچھ ہی بے حساب تھا، میرے حساب میں

تعبیر گر ہوا ہے تو کیوں کر وہی ہوا
اک خواب جو عذاب تھا، میرے حساب میں

وہ رات میری رات تھی، جاگا تمام رات
جس دن کا اضطراب تھا میرے حساب میں

پاکیزگی کا پھول تھا، خوشبو کا لمس تھا
جو شخص ایک خواب تھا میرے حساب میں

جس کے لیے زمیں نے زمانے بدل دیے وہ شخص آفتاب تھا میرے حساب میں

اُس نے سمندروں کو بھی قطرہ بنا دیا انسان جو حباب تھا میرے حساب میں

ساحل زمیں کا درد زمیں سے نہ پوچھیے
یہ کرہ، آفتاب تھا میرے حساب میں
٭٭٭

یاد کا دُکھ

مبشر سعید (فرانس)

یادوں کے انبار پہ بیٹھا
اِک تنہا آوارہ شاعر !!!!
لمحوں کو کھنگال رہا ہے
اشکوں سے تر پلکوں پر
تیرا سُندر روپ سجا کر
دُکھ درد کا مارا شاعر تیری خوشبو ڈھونڈ رہا ہے
جب سے اُس سے دُور ہُوا ہے
اُس کا پیارا میت
عجب سا رُوپ بنائے پھرتے ہیں
اُس کے سارے گیت
اِسی طور ہی سج پائے گی خوشیوں کی ہر سیج
ہواؤں کے ہاتھ پہ رکھ کے تُو اپنی خوشبو بھیج
دعاؤں کے در پہ بیٹھا ہے
وہ روتا ہے
کھو کے سارے سُکھ
تُم کیا جانو پگلی لڑکی !!!
اِس شاعر کا دُکھ
٭٭٭

مبشر سعید

جو رنگہائے رُخِ دوستاں سمجھتے تھے
وہ ہم نفس بھی مرا دکھ کہاں سمجھتے تھے

محبتوں میں کنارے نہیں مِلا کرتے ’‘مگر یہ ڈوبنے والے کہاں سمجھتے تھے’‘

کھُلا کہ چادرِ شب میں بھی وسعتیں ہیں کئی
ذرا سی دھوپ کو ہم آسماں سمجھتے تھے

خزاں کے عہدِ اسیری سے پیشتر، طائر
چمن میں موسمِ گُل کی زباں سمجھتے تھے

انہیں بھی دہر کی فرزانگی نہ راس آئی
جو کارِ عشق میں سُود و زیاں سمجھتے تھے

کسی کا قُرب قیامت سے کم نہیں تھا سعیدؔ
فقط فراق کو ہم امتحاں سمجھتے تھے
٭٭٭

بسمل صابری (ساہیوال)

دل بجھ گیا بہار میں اچھا نہیں ہوا یہ کس کے انتظار میں اچھا نہیں ہوا

اس نے بھی کی ہے عشق میں سود و زیاں کی بات
الفت کے کاروبار میں اچھا نہیں ہوا

آئی ہوائے ہجر، تو آنکھوں کے آئینے پھر اٹ گئے غبار میں اچھا نہیں ہوا

تم ہی رہے نہ اپنے تو کچھ بھی نہیں رہا
اب کیا ہے اختیار میں اچھا نہیں ہوا

چنگاریاں نکلتی ہیں ہر ایک پھول سے یہ حادثہ بہار میں اچھا نہیں ہوا

بسملؔ کسی کی یاد میں ہم دھوپ اوڑھ کر
بیٹھے ہیں رہگذر میں اچھا نہیں ہوا
٭٭٭

اکرام تبسمؔ (لاہور)

روح کا پیام لے ہر کرن کو تھام لے

دوستی ہوا سے کر راستے تمام لے

راہ عدل کو دکھا دشمنوں کا نام لے

پاؤں رکھ رکاب میں وقت سے لگام لے

حُسن پیچھے آئے گا عشق کا سلام لے

خوب قہقہے لگا دکھ سے انتقام لے ٭٭٭

عاطر عثمانی (ملائیشیا)

بگولے آج تو موجِ کمال میں آئے ہرے بھروں کو بھی لے کر دھمال میں آئے

ادھورا خواب مرا چاند توڑ دیتا ہے اُسے کہو کہ وہ پورے خیال میں آئے

لگن کی چاپ کو سن کر بپھرتا ہے دریا گھڑا جو دیکھ لے دریا اچھال میں آئے

کہ معتبر ہیں یہاں جھوٹ کی دلیلیں اور ہر ایک سچی گواہی سوال میں آئے

بہت ہی کالے ہیں دن آؤسب کریں یہ دعا کہ دھوپ کال سے نکلے اُجال میں آئے

یہ موت آئی بھی تو اس کے زانوں پر عاطرؔ
عروج جیسے کسی کو زوال میں آئے
٭٭٭

خالد جاوید (رحیم یار خان)

بات جو کہہ گیا روانی میں بات وہ رہ گئی نشانی میں

لعل و گوہر کے راز مل جائیں ڈوب کر دیکھ گہرے پانی میں

میری کٹیا کے دیپ گل کر دو اب نہیں کوئی زندگانی میں

تیری یادوں کا، لے کے کچا گھڑا ہم بھی شامل ہوئے کہانی میں

جھیل میں اس کا عکس ابھرا ہے چاند نکلا ہے آج پانی میں ٭٭٭

ڈاکٹر سعید اقبال سعدیؔ (گوجرانوالا)

ہم کہاں ہیں شمار کے اندر لگ گئے ہیں قطار کے اندر

منزلیں ہیں دھواں دھواں اپنی راستے ہیں غبار کے اندر

چھوڑ قصر انا دلِ خوش خواب کچھ نہیں اس حصار کے اندر

نفرتوں سے سکوں نہیں ملتا ہے سکوں پیار کے اندر

بے قراری قرار کا باعث برف ہے اس شرار کے اندر

پھر کسی نے کہاں پکارا ہے گونج ہے کوہسار کے اندر

ایل تاریخ ہے حنوط اس میں جھانک کر دیکھ غار کے اندر

زردیاں اور بڑھ گئیں رخ کی کھل اُٹھے غم بہار کے اندر

بخت کا کیا قصور ہے سعدیؔ گردشیں ہیں مدار کے اندر ٭٭٭

اختر دولتالوی (گوجر خان)

تھوڑا سا حوصلہ تو مرے ڈر میں ڈال دے
یعنی مرے عدو کو بھی ششدر میں ڈال دے

تصویر تو ہے خوب مگر ایک کام کر یہ تشنگی اٹھا کے سمندر میں ڈال دے

امبر سے تارے ٹوٹ کے پلکوں سے آ لگے اب تو سرشت موم کی پتھر میں ڈال دے

اک بار زندگی میں کہیں خود سے مل سکوں ایسی کوئی لکیر مقدر میں ڈال دے

یہ تلخیاں سمیٹ، کہیں اس سے پیشتر دیوار کوئی لا کے ترے گھر میں ڈال دے

اخترؔ تری دوکان میں کچھ بھی نہیں رہا!
کوئی نیا خیال ہی شاپر میں ڈال دے
٭٭٭

میں مر جاتا تو اچھا تھا

فہیم شناس ؔ کاظمی (کراچی)

‘’میں نہ ہوتا تو کیا ہوتا
ڈبویا مجھ کو ہونے نے’‘
کسی ویران ساحل پر
کسی خاموش رستے میں
کسی سنسان سے گھر میں
کسی بیکار سے دن میں
میں مر جاتا تو اچھا تھا
تمہارا نام لینے سے بہت پہلے
تمہارے عشق کا اظہار کرنے بہت پہلے
بکھر جاتا تو اچھا تھا
ہوا کے ساتھ صحرا میں …
سمندر کے تھرکتے سرد سینے پر
کسی کہسار میں محبُوس وادی میں
اُتر جاتا تو اچھا تھا
اور اچھا تو یہی تھا میں نہیں ہوتا
اگر ہونا مقدر تھا …کہیں ہوتا
تمہارا سامنا مجھ سے نہیں ہوتا
تو کیا اچھا نہیں تھا
روز مرنے سے
کہ میں اک بار مر جاتا
کسی ہوٹل کے کمرے میں
کسی کسبی کی بانہوں میں
کسی فٹ پاتھ پر
یا پھر شفا خانے کے بستر پر
میں مر جاتا تو اچھا تھا
تمہارا وقت بھی ضائع نہیں ہوتا
پڑھا ‘’قانون’‘ تم نے جس طرح
کوئی پڑھے گا کیا
ترقی کا ہر اک زینہ تمہاری دسترس میں ہے
تمہیں ‘’قانون‘‘ کے اسباق ازبر ہیں
میں شاعر ہوں
میں پاگل ہوں
کوئی قانون بتلاؤ
مروں کیسے…
میں مر جاؤں تو اچھا ہے
بکھر جاؤں تو اچھا ہے
٭٭٭

افضل گوہر (پھلرواں)

ہوا نہیں ہوں کہ خود کو جہاں میں عام کروں
تو پھر میں جسم سے باہر کہاں قیام کروں

اب انتظار نہ کر دن کے رات ہونے کا کوئی چراغ جلا تاکہ میں بھی شام کروں

زمین میرے تعاقب میں آ بھی سکتی ہے
میں پانیوں پہ قدم رکھ کے کیوں خرام کروں

کوئی تو ہو جو میرے خدوخال رکھتا ہو
میں اپنے نام کے سب حرف اس کے نام کروں

ذرا سی دیر الاؤ پہ ہاتھ رکھ اپنے
میں چاہتا ہوں کہانی کا اختتام کروں
٭٭٭

قدیم لمحے

سیدہ آمنہ بہار روناؔ (آزاد کشمیر)

قدیم لمحے اداس آنکھوں میں تیرتے ہیں
کہ جیسے اجڑے مکاں سے لپٹی بیلیں
نئے شگوفوں کی خواہشیں ہوں
اداس آنکھیں
خلاؤں میں کیا تلاشتی ہیں
اداس آنکھوں کے اس افق پر
تمہارا سورج ابھر رہا ہے
سیاہ زلفیں بھٹک رہی ہیں
رسیلے ہونٹوں، چمکتے چہرے کو چومتی ہیں
ہزار موسم گزر گئے ہیں
ہزار موسم گزر رہے ہیں
ہزار موسم قدیم لمحوں کی راکھ لے کر
نہ جانے کس سے کہاں ملیں گے؟
٭٭٭

مشتاق عاجزؔ (اٹک)

سانجھ سویرے اپنے آپ سے لڑتا ہوں رات گئے پھر اپنے پاؤں پڑتا ہوں

دن کی کھڑکی کھلتے ہی اڑ جاتے ہیں سوچوں کے جو پنچھی روز پکڑتا ہوں

رات کو آنسو چن کر بھیگی پلکوں سے آنچل آنچل چاند ستارے جڑتا ہوں

وصل اور ہجر کے آتے جاتے موسم میں اپنے آپ سے ملتا اور بچھڑتا ہوں

جانے کب تکمیل ہو عاجزؔ ہستی کی لحظہ لحظہ بنتا اور بگڑتا ہوں ٭٭٭

شکیل سروش (امریکہ)

کچھ تو رکھ لے انا شکیل سروش اس کے پیچھے نہ جا شکیل سروش

مت لبوں پر لگا تو مہر سکوت بات کوئی سنا شکیل سروش

کیسے جذبات مر گئے تیرے کیوں یہ دل بجھ گیا شکیل سروش

خود کو بے آسرا نہ سمجھا کر ساتھ ہے جب خدا شکیل سروش

تیرے بچوں کو کون پالے گا تو اگر مر گیا شکیل سروش

یوں تو دنیا بھری تھی لوگوں سے ایک ان میں نہ تھا شکیل سروش

ہیں پریشان اور اُداس اُداس چاند تارے ہوا شکیل سروش ٭٭٭

گل بخشالوی (امریکہ)

برہنہ پیڑوں کے پتے تلاش کرتا ہوں گئی رتوں کے خاکے تلاش کرتا ہوں

جہاں لٹا تھا کبھی قافلہ محبت کا اسی نگر میں وہ رستے تلاش کرتا ہوں

مہک رہی ہے فضا آج جن کی خوشبو سے میں کربلا کے وہ غنچے تلاش کرتا ہوں

کہاں گئی وہ محبت کہاں گئے وہ لوگ گئی رتوں کے اثاثے تلاش کرتا ہوں

وہ جن کو دیکھ کے گلؔ کو سکون ملتا تھا
بہت دنوں سے وہ چہرے تلاش کرتا ہوں
٭٭٭

ڈاکٹر سید قاسم جلال (بھاولپور)

اب بھی ہو ان سے ملاقات ضروری تو نہیں
ختم ہو جائیں شکایات ضروری تو نہیں

مختلف ہے میری رائے تو ہیں کیوں حیراں آپ
سب کے یکساں ہوں خیالات ضروری تو نہیں

وقت کے ہاتھ میں ہو سکتے ہیں غم کے پتھر
لائے خوشیوں کی ہی سوغات ضروری تو نہیں

پاسِ آدابِ رفاقت تو ہے لازم لیکن پیار میں اتنے حجابات ضروری تو نہیں

بادلو! سوکھ گئی پیاس سے دھرتی کی زباں
روز دریاؤں پہ برسات ضروری تو نہیں

ہر گدا پر ہے لازم کہ ہو کشکول بدست
سب کی قسمت میں ہو خیرات یہ ضروری تو نہیں

کیا ہوا آج اگر غم کا نشانہ ہے جلالؔ
ہوں نہ تبدیل یہ حالات ضروری تو نہیں
٭٭٭

حسین امجد (اٹک)

رہ گزر سے ہوا گزر خاموش کٹ گیا زیست کا سفر خاموش

بد نصیبی ہے کم نصیب ہوں میں ہم سفر ساتھ ہے مگر خاموش

عمر بھر لب کشا نہیں ہوں گے آج بھی کہہ دیا اگر خاموش

پوچھتی ہے ہوا پرندوں سے
کیا ہوا؟ ہو گئے شجر خاموش

خود کہا خود سنا، فسانہ دِل رات دیکھی جو اس قدر خاموش

جیسے مجھ سے ہوا بھی روٹھ گئی گھر کے سارے ہوئے ہیں در خاموش

پھڑپھڑاہٹ قفس میں ختم ہوئی اور بکھرے پڑے ہیں پَر خاموش ٭٭٭

احمد اصغر راجہ (گوجر خان)

پنچھی ہیں ہریالی بھی ہے لیکن منظر خالی بھی ہے

بادِ خزاں ہے پھول کے در پہ کوئی چمن کا مالی بھی ہے

جس کی خاطر کھو جاتا ہوں صورت ڈھونڈنے والی بھی ہے

کیسے بیتے تنہا تنہا شب جو کالی کالی بھی ہے

دور کا چاند ہے وہ اب اصغرؔ جس کا عکس خیالی بھی ہے ٭٭٭

ہدایت کاشف (رحیم یار خان)

پھر ہوس کے ہاتھ میں اپنا مقدر دیکھ کر
جھک گیا وہ بار آور پیڑ پتھر دیکھ کر

اس سے پہلے موج تجھ کو لے کے کھو جائے کہیں
موتیوں کو کھوجنا ! دریا کے تیور دیکھ کر

سینۂ سنگ میں چھپے سب خال و خد اصنام کے
خود ابھرنے لگ گئے ہیں دستِ آذر دیکھ کر

رک گئی تھی سانس آئینے کی بھی حیرت کے ساتھ
میرے اندر کے اچانک دکھ کو باہر دیکھ کر

کم ہوئی جاتی ہے کاشفؔ وسعت صحرا تو کیا
کب جنوں نے پاؤں پھیلائے ہیں چادر دیکھ کر
٭٭٭

ڈاکٹر شاہد رحمٰن (فیصل آباد)

رابطہ قائم رہے تو اچھا ہے ورنہ ہر اک رشتہ کچا ہے

بھولی بھالی یاد کوئی جب آ جائے کئی دنوں تک موسم بھیگا رہتا ہے

ایک تو اُس کی باتیں ذرا انوکھی ہیں دوسرے وہ کچھ الجھا الجھا رہتا ہے

کبھی کبھی تو مجھ کو ایسا لگتا ہے میرے سامے کوئی مجھ ایسا رہتا ہے

خیالوں کی لہروں پہ اُس کا قبضہ ہے خوابوں کی دنیا پہ وہ چھایا رہتا ہے

کرنے کو کچھ کام ابھی باقی ہیں وقت ہے کہ تیز گزرتا رہتا ہے

پیار محبت اور وفا کے جذبوں کا ہر دور میں سودا ہوتا رہتا ہے

مجھ پر اس کا یہ احسان کافی ہے کبھی کبھی وہ آ کر ملتا رہتا ہے ٭٭٭

سلیمان جاذب (دبئی)

اگر سوچتا دل لگانے سے پہلے تو منزل پہ ہوتا زمانے سے پہلے

بھلا دو گے مجھ کو تو پھر کیا کرو گے ذرا سوچ لینا بھُلانے سے پہلے

نہیں راستے لوٹ کر سارے آتے سنو جانِ من دور جانے سے پہلے

مرا نام آئے گا یہ سوچ لینا کہانی کسی کو سنانے سے پہلے

کئی راہیں اس نے نکالی ہیں جاذبؔ تجھے راستے سے ہٹانے سے پہلے ٭٭٭

مرزا شبیر بھیرویؔ (بھیرہ)

اس قدر پارسا بھی کیا ہونا تم میرے پیار کی حیا ہونا

روشنی کی طلب تو سب کو ہے کتنا مشکل ہے اک دیا ہونا

تم تو میری نماز پڑھتے تھے پھر یہ کیسے ہوا، خدا ہونا

اب دکھاتے ہو داغِ رسوائی کس نے بولا تھا بے وفا ہونا

یہ نویدِ بہار ہے شبیرؔ اُس کے ہاتھوں میں آئینہ ہونا ٭٭٭

اکرام الحق سرشار (چیچا وطنی)

پہلے میں دھوپ پاؤں تلے روند کر گیا
پھر راستے میں اپنے ہی سائے سے ڈر گیا

چلتا نہ تھا زمیں کی طرف دیکھ کر جو کل
ٹھوکر لگی کچھ ایسی کہ نشہ اتر گیا

یا اپنے سر کی خیر منا، ورنہ جھوٹ بول
حق بات جس نے کی ہے یہاں دار پر گیا

یہ کیسے موسموں کا اثر آ گیا کہ اب چہرے سے رنگ اور دعاسے اثر گیا

سرشارؔ اب پتنگ اڑانے سے فائدہ سرشارؔ اب تو بسنت کا موسم گذر گیا ٭٭٭

ازل سے ابد

ارشد خالد (اسلام آباد)

ازل سے ابد
دونوں اک ساتھ تھے
دونوں چلتے گئے
حدِ امکان سے بھی پرے۔ ۔ ۔
کہ روش پھر زمانے کی تبدیل ہونے لگی
پھول کھلنے لگے، ساری سمتیں مہکنے لگیں
کھنکھناتی ہوئی۔ ۔ ۔ گیلی مٹِی
عجب ایک پیکرِ میں ڈھلنے لگی
پھر ملائک۔ ۔ ۔ ۔
سبھی سجدہ ریز تھے
لیکن اک کے سوا
تب ازل سے ابد وہیں رخصت ہوا
پھر سے ملنے کی امید رکھے ہوئے
حدِ امکان سے۔ ۔ ۔
اک طرف اک گیا
اک طرف دوسرا!
٭٭٭

کھٹی میٹھی یادیں

حیدر قریشی

لبّیک الہمّ لبّیک
قل ان کانت لکم الدّارالآٓخرۃ عنداللہ خالصۃ من دون الناس فتمنو الموت ان کنتم صادقینO ولن یتمنوہ ابداً بما قدمت ایدیھم ط واللہ علیم بالظٰٰلمینO (سورۃ البقرۃ۔ آیت ۹۴۔ ۹۵)
(ترجمہ:تو ان سے کہہ اگر اللہ کے نزدیک آخرت کا گھر (باقی) لوگوں کو چھوڑ کر صرف تمہارے ہی لیے ہے، تو اگر تم [اس دعویٰ میں ] سچے ہو تو موت کی خواہش کرو۔ (یاد رکھو کہ) جو کچھ ان کے ہاتھ آگے بھیج چکے ہیں، اس کے سبب سے وہ کبھی بھی (موت کی)تمنا نہیں کریں گے اور اللہ ظالموں کو خوب جانتا ہے)
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

مجھے جنوری ۲۰۰۹ء میں ایک خواب کے ذریعے واضح طور پر بتایا گیا کہ ۳؍دسمبر کو میری وفات ہو گی۔ میں یہ تحریر نومبر کے آخری عشرہ میں لکھ رہا ہوں اور قارئین تک تب پہنچے گی جب ۳؍دسمبر ۲۰۰۹ء گزر ہو چکا ہو گا۔
زندگی کے معاملہ میں دو جمع دو چار کی طرح کوئی دو ٹوک اور حتمی بات کہہ کر گزر جانا ممکن نہیں۔ ہر انسان کی زندگی اس کے اپنے ڈھب سے ہوتی ہے۔ زندگی نے اس کے ساتھ کیا کیا اور اس نے زندگی کے ساتھ کیا کیا؟ دونوں معاملات ہی ہر انسان کی ذات اور اس کی اپنی کائنات کے حوالے سے ہوتے ہیں۔ میری چھوٹی سی کائنات خاندانی سطح پر میرے والدین، بہن بھائیوں، بیوی، بچوں اور ان سب سے منسلک رشتہ در رشتہ کہکشاں پر مشتمل ہے۔ ان سارے رشتوں کا ذکر اذکار میرے، خاکوں اور یادوں میں نمایاں طور پر اور دوسری اصناف میں بھی کسی نہ کسی رنگ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اب کہ عمر کے اس حصے میں ہوں جب بندہ اِس دنیا سے آگے کی دنیا میں جانے کے لیے بوریا بستر باندھنے میں لگا ہوتا ہے، میں نے بھی کچھ عرصہ سے اپنا بوریا بستر باندھنا شروع کر رکھا ہے۔ اگلی دنیا میں جانے کی تیاری کے ساتھ اِس دنیا سے لذت کشید کرنے کا عمل بھی میں نے کم نہیں ہونے دیا۔ میری اہلیہ مبارکہ ان معاملات میں ایک حد تک میرے ساتھ ہے اور ایک حد تک مزاحمت کر رہی ہے۔ اس دنیا کے معاملات میں تو نہ صرف اس نے مزاحمت نہیں کی بلکہ بڑی حد تک پردہ پوشی بھی کی ہے۔ البتہ اگلی دنیا کے معاملہ میں اس نے شدید مزاحمت کر رکھی ہے۔ اس حوالے سے جو تازہ ترین صورتحال ہے اسے بعد میں بیان کروں گا پہلے گزرے دنوں کا کچھ ذکر ضروری ہے۔
۱۹۹۶ء میں مبارکہ کوRheumatism کی بیماری کی ابتدا ہوئی تھی۔ پہلے تو بیماری کی نوعیت سمجھ میں نہیں آئی۔ پتہ نہیں یہ’‘ روئے ماٹ ازم’‘ کونسی اللہ ماری ولایتی بیماری لا حق ہو گئی ہے۔ ہم نے تو سوشلزم، کمیونزم، کیپٹل ازم کے نام ہی سن رکھے تھے اور مبارکہ کو ان میں سے کسی سے کوئی دلچسپی نہ رہی تھی۔ بہر حال بیماری کی نوعیت کا جب کچھ کچھ اندازہ ہوا تو اس کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے میں نے ۱۹۹۶ء ہی میں ایک غزل میں کہا تھا:
دیکھو مجھے اس حال میں مت چھوڑ کے جانا دل پر ابھی میں نے کوئی پتھر نہیں رکھا
پھر مبارکہ نہ صرف اس بیماری کی عادی ہو گئی بلکہ Rheuma نے بھی اس کے ساتھ دوستانہ برتاؤ شروع کر دیا۔ بارہ تیرہ برس علاج معالجہ کے ساتھ آرام سے گزر گئے۔ مبارکہ کی علالت اور اپنے شروع میں بیان کردہ خواب کا مزید ذکر ذرا آگے چل کر۔ ۔ ۔ ۔ یہاں یادوں کے اس نئے باب کے تناظر میں اپنی پرانی تحریروں کا تھوڑا سا ذکر کرنا چاہتا ہوں۔
بیسویں صدی کے آخری سرے پر لکھی گئی میری یادوں کے باب ‘’دعائیں اور قسمت’‘ کا اختتام ان دعائیہ الفاظ پر ہوتا ہے۔
‘’اب یہی دعا ہے کہ ایسی ہی دافع البلیّات دعاؤں کے سائے میں زندگی کا یہ سفر آسانی کے ساتھ، حفاظت کے ساتھ، اور بے حد آرام و سکون اور اطمینان کے ساتھ مجھے اگلی دنیا میں لے جائے۔ موت میرے لئے دُکھ کا مُوجب نہیں راحت کا مُوجب بنے۔ ہجر کا احساس نہیں بلکہ وصل کا پیغام ہو اور وصل کا راحت بھرا پیغام تو جب بھی آئے، عشّاق کی خوش نصیبی ہوتا ہے۔ ’‘
یہ کوئی دنیا کو جتانے یا بتانے کا رویہ نہیں ہے بلکہ زندگی کے مقابلہ میں موت کے تئیں میرا یہ رویہ میری ابتدائی شاعری سے اب تک کسی کسی نہ رنگ میں آتا چلا گیا ہے۔ زندگی اور موت کے معاملہ میں میرا رویہ میرے مزاج کی ترجمانی کرتا ہے۔ مثلاً میرے شعری مجموعوں کی بالکل ابتدائی غزلوں سے لے کر اب تک کی شاعری کے یہ اشعار دیکھیں۔
موت سے پہلے جہاں میں چند سانسوں کا عذاب
زندگی! جو قرض تیرا تھا ادا کر آئے ہیں
دیکھا خلوص موت کا تو یا د آ گیا
کتنے فریب دیتی رہی زندگی مجھے
چلو پھر آنکھیں کرو چار موت سے حیدرؔ
پھر آج موت کی آنکھوں میں زندگی بھر دو
زندگی! دیکھ بجھتے ہوئے لوگ ہم
بزمِ جاں میں چمکتے رہے رات بھر
ابھی ممکن ہی نہیں قرض چکانا تیرا
زندگی! قرض ترا ہو گا ادا میرے بعد
موت کی بھی حقیقت انہیں سے کھلی
زندگی کے جو دل میں دھڑکتے رہے
موت کو چھو کے دیکھنا ہے ذرا
زندگی، اپنی دیکھی بھالی ہے
گزشتہ برس میری دو غزلوں میں اس حوالے سے زیادہ کھلا اظہار سامنے آیا:
کفن مرے لیے دامانِ یار ٹھہرے گا
چلوں گا کوچۂ دلدار میں لحد کے لیے
تمام خواہشیں حیدرؔ کبھی کی چھوڑ چکے
کہو تو خود سے بھی اب ہم کنارا کرتے ہیں
ایسے اشعار کے زمانی تسلسل کے درمیان میں کہیں ایک مرحلہ ایسا بھی آیا تھا جب موت مجھے کچھ دیر تک دیکھتی رہی۔ ساتھ لے جانے کا ارادہ کیا، زندگی کے ساتھ کچھ دیر کے لیے الجھی، مگر پھر خاموشی سے واپس چلی گئی۔ اُس وقت کی کیفیات میری تب کی ایک غزل میں موجود ہیں۔
موت آئی ہوئی ہے مجھے لینے کے لیے اور
یہ زندگی پاس اپنے ہی رکھنے پہ اڑی ہے
ہے زندگی و موت میں اک معرکہ برپا
جیتے کوئی، ہم پر یہی اک رات کڑی ہے
دیکھو ہمیں ہم ہنستے ہوئے جانے لگے ہیں
کچھ جان پہ گزری ہے نہ نزع کی تڑی ہے
ہمبرگ کے خالد ملک ساحل صاحب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مجھے اپنی بالکل ابتدائی شاعری کے دو شعر یاد آ گئے۔ یہ غزل ہفت روزہ مدینہ بھاولپور میں ۱۹۷۵ء سے ۱۹۷۷ء کے درمیانی عرصہ میں کہیں چھپی تھی، میرے کسی مجموعہ میں شامل نہیں ہے۔ لیکن اس کے ان دو اشعار سے موت کے تئیں میرے رویہ اور بالخصوص ابتدائی رویہ کو سمجھنے میں آسانی ہو گی۔
کوئی آوارہ ہے یا بھٹکی ہوئی ہے زندگی
موت کی نظروں میں جو کھٹکی ہوئی ہے زندگی
شور سنتے تھے بہت لیکن حقیقت اور ہے
ایک ہی تو سانس پر اٹکی ہوئی ہے زندگی
۲۶جنوری ۲۰۰۹ء کو میں نے صبح چار بجے کے لگ بھگ ایک خواب دیکھا۔ اس میں مجھے تاریخِ وفات ۳؍دسمبر بتائی گئی۔ خواب میں سَن نہیں بتایا گیا لیکن بیداری پر مجھے اس کی جو تفہیم ہوئی اس کے مطابق سال ۲۰۰۹ء ہی میں وفات ہو گی۔ اس تفہیم کے ساتھ ایک بار پھر غنودگی کی کیفیت ہوئی اور اس میں یہ قرآنی الفاظ میرے ہونٹوں پر جاری ہوئے: انی متوفیک۔ یعنی بے شک میں تجھے وفات دوں گا۔
میں نے اسی روز صبح پانچ بجے سبز رنگ کی جلد والی اپنی نوٹ بک کے بائیں جانب اندر کے پہلے صفحہ پر وہ خواب، اوراس کی تعبیر و تفہیم درج کر دی، اپنے دستخط بھی کر دئیے۔ اسی روز اپنے چھوٹے بیٹے طارق کو وہ نوٹ بک دکھا کر بتا دیا کہ دسمبر۲۰۰۹ء میں اگر کچھ رونما ہو جائے تو اس تحریر کو خود بھی پڑھ لینا اور بہن بھائیوں کو بھی پڑھا دینا۔ ساتھ ہی اسے کچھ اور ہدایات بھی دیں۔ لیکن ہوا یہ کہ طارق نے دو چار دن تک تو صبر سے کام لیا لیکن پھر گھبرا کر اپنی ماں کو اس بارے میں بتا دیا۔ مبارکہ کو خواب کی کچھ حقیقت کا اندازہ ہوا تو وہ خود بیمار پڑ گئی۔ یہاں تک کہ ۶ فروری کو ایمبولینس بلانا پڑ گئی۔ ہفتہ بھر صورتحال اتنی زیادہ نازک رہی کہ ڈاکٹرز نے صاف کہہ دیا کہ ہم اپنی طرف سے بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ بچ جانے کے چانسز ہیں تو سہی لیکن بہت کم۔ کیونکہ قوتِ مدافعت کمزور ہوتے ہی Rheuma نے تقریباً تمام مرکزی اعضا پر حملہ کر دیا ہے۔ ان آرگنز کو بچانے کے لیے جن دواؤں کو دیا جا سکتا ہے وہ موجودہ صورت میں جتنی مفید رہیں گی، سائڈ ایفیکٹ میں اس سے زیادہ نقصان دہ ہوں گی۔ عجیب مشکل اور پیچیدہ صورتحال تھی۔ بہر حال دعا اور دوا دونوں کے نتیجہ میں مبارکہ نے ایک مہینہ کے لگ بھگ عرصہ میں بیماری کو کچھ کوَر کر لیا۔ شیمو تھراپی جو کینسر کے مریضوں کے لیے ہوتی ہے، اس کا پانچ فیصد چھ مہینوں میں آزمانے کا طے ہو گیا۔ پانچ مہینوں میں مبارکہ اس حد تک صحت یاب ہو گئی کہ مجھے باقاعدہ ڈانٹ ڈپٹ کرنے لگی۔ کامیاب شوہر بخوبی جانتے ہیں کہ بیوی جب شوہر کو ڈانٹ ڈپٹ کرنے لگے تو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ پوری طرح سے صحت یاب ہو چکی ہے۔ وگرنہ ناکام و نامراد شوہر تو بیوی سے سرِ عام جوتے یا دھکے کھا کر بھی کچھ نہیں سمجھ اور سیکھ پاتا، البتہ اس کے انجام سے لوگ سبق ضرور سیکھ لیتے ہیں۔

مبارکہ کی حالت سنبھلنے تک ۲۰۰۸ء کے آخر میں دی گئی، میری بائیں آنکھ کے موتیا کے آپریشن کی تاریخ آ گئی۔ اطہر خان جیدی جو پاکستانی مزاحیہ ڈرامہ کا ایک معروف نام ہیں، ان کا ایک شعر حسبِ حال ہو گیا۔
ہم نے پھولوں کی آرزو کی تھی
آنکھ میں موتیا اتر آیا
۲؍مارچ کو آپریشن ہوا اور اسی دن مجھے چھٹی بھی مل گئی۔ دو تین دن احتیاط سے کام لیا اور پھر اپنی معمول کی ادبی سرگرمیوں میں مصروف ہو گیا۔ کچھ عرصہ کے بعد دوسری آنکھ کے آپریشن کی تجویز دی گئی تھی۔ چند مہینوں کے بعد جب اس کی نوبت آئی، دائیں آنکھ کے کنارے پر نیچے کی جانب ایک چھوٹا سا دانہ نکل آیا۔ بس اس دانے کے ختم ہونے تک آپریشن موخر کر دیا گیا۔ جو تا حال موخر چلا آ رہا ہے۔ لیکن یہ تاخیر تو بعد کی بات ہے۔ فی الحال بات ہو رہی تھی مبارکہ کی اپنی سنگین بیماری کے وارسے بچ کر گھر واپس آ جانے کی۔
مبارکہ کا بہتر حالت میں گھر واپس آنا خدا کا بہت ہی خاص فضل تھا۔ گردوں کی کارکردگی متاثر ہو نے کے باعث اس کے پورے جسم سے پانی رِستا تھا۔ خوشی سے بھیگنا اور غم میں آنسوؤں سے بھیگ جانا تو ہماری دنیا میں ہوتا ہے لیکن بیماری سے اس طرح بھیگنا ہمارے ہاں پہلا تجربہ تھا۔ جسم بھی کسی حد تک پھول گیا تھا، تاہم تھراپی کرانے کے نتیجہ میں حالت تدریجاً بہتر ہوتی جا رہی تھی۔ اس دوران مبارکہ کو نہانے کے لیے تو مدد کی ضرورت نہ ہوتی لیکن نہانے کے بعد کھڑا کرنے اور ٹب میں سے باہر نکالنے میں مجھے بہت زیادہ ہیلپ کرنا پڑتی۔
اپنے افسانہ’‘گھٹن کا احساس’‘ میں ایک بار اپنی بیوی کے ساتھ ہوئی بات کو میں نے یوں لکھا ہوا ہے۔
‘’ نہاتے ہوئے اس کا ہاتھ اپنی پوری کمر پر نہیں پھِرسکتاتھا۔ ماں کا کمر پر صابن مَلنا یادآتاتواس کا جی چاہتا کاش ماں زندہ ہوتی اور اب بھی میری کمر پر صابن مَل دیتی۔ ایسے ہی خیالوں کے دوران ایک بار اُس نے اپنی بیوی کو عجیب سی نظروں سے دیکھا۔ اس کی بیوی نہ صرف اس کی ماں کی بھتیجی تھی بلکہ بڑی حد تک اس کی ماں کی ہم شکل بھی تھی۔ اس نے اپنی بیوی سے اس خواہش کا اظہار کر دیا کہ وہ نہاتے وقت اس کی کمر پر صابن مَل دیا کرے۔ اس کی بیوی تھوڑا ساشرمائی پھر کہنے لگی:
‘’مجھ سے یہ فلموں والے باتھ روم کے سین نہیں ہوسکتے’‘
وہ بیوی کے جملے پر مسکرایااور سوچایہ پگلی کہاں جا پہنچی۔ یوں بھی باتھ روم میں اتنی جگہ ہی کہا ں ہے کہ وہ بھی میرے ساتھ سماسکتی۔ ’‘
اور اب صورتحال یہاں تک آ پہنچی تھی کہ ہم انڈین فلموں کے باتھ روم سے بڑھ کر انگریزی فلموں کے باتھ روم والے سین جیسی صورتحال سے گزر رہے تھے۔ مبارکہ کا وزن بہت بڑھ گیا تھا اس لیے اس سین کا مزہ تو کیا لیا جاتا، میرا سانس ہی پھولنے لگتا۔ یہ سانس پھولنے کا سلسلہ بڑھا تو ڈاکٹر سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر نے ای سی جی تک کے اپنے سارے ٹیسٹ کرنے کے بعد مجھے ہسپتال ریفر کر دیا۔ ہسپتال والوں نے ٹیسٹ کے کئی مراحل سے گزارنے کے بعد بتایا کہ دل کا کوئی وال (شریان)بند ہے۔ انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی دونوں کام ایک ساتھ کر دئیے جائیں گے۔ اس کے لیے یکم اکتوبر کی تاریخ دے دی گئی۔
انہیں دنوں میں ایک نئی غزل ہوئی، جس کے یہ اشعار جیسے ۳؍دسمبر کے لیے ذہنی تیاری کی غمازی کر رہے تھے۔
دردِ دل کی ہمیں اب کے وہ دوائی دی ہے
اپنے دربار تلک سیدھی رسائی دی ہے
اک جھماکا سا ہوا روح کے اندر ایسے
نوری برسوں کی سی رفتار دکھائی دی ہے
کیسے زنجیر کا دل ٹوٹا یہ اُس نے نہ سُنا
وقت نے قیدی کو بس فوری رہائی دی ہے
اک نئی لمبی مسافت کا زمیں زاد کو حکم
اور اس بار مسافت بھی خلائی دی ہے
جب بھی جانا ہے پلٹ کر نہیں دیکھیں گے کہیں
اپنے اندر سے یہ آواز سنائی دی ہے
اکیس ستمبر کو عید الفطر تھی، عید بہت اچھی گزری۔ سارے بچے گھر پر جمع ہوئے۔ پانچ بیٹے بیٹیاں، پانچ بہوئیں اور داماد، دس پوتے، پوتیاں اور نواسے۔ ۔ گھر پر اتنی رونق تھی کہ ہم دونوں تھک گئے۔ بائیس ستمبر کو میں ڈٹسن باخ میں خانپور کے زمانے کے ایک دوست وزیر احمد صاحب کو ملنے چلا گیا۔ شام کو گھر آیا تو مبارکہ کی طبیعت خراب تھی، بخار ہو گیا تھا۔ رات گئے تک بخار میں شدت آ گئی اور صبح تک حالت اتنی بگڑ گئی کہ اس کی لیڈی ڈاکٹر فراؤ ہے نگ، (Frau Hennig) کو گھر پر بلانا پڑا۔ ڈاکٹر نے مبارکہ کی حالت دیکھتے ہی ایمبولینس منگا لی۔ جاتے وقت مبارکہ پر غشی سی طاری تھی۔ اسے قریبی شہر ہوف ہائم کے ہسپتال میں لے جایا گیا۔ ۲۴ تاریخ تک حالت اتنی بگڑ گئی کہ اسے صوبائی صدر مقام ویز بادن کے اس ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پہلے سے اس کا ‘’روئے ما ‘‘کا علاج چل رہا تھا۔ انتہائی نگہداشت والے کمرہ میں جب ہم دیکھنے کے لیے پہنچے تو دل دھک سے رہ گیا۔ وہاں کے ڈاکٹر ز نے کہا کہ ہم بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن اس طرح کے کیسز میں بچنے کا صرف ایک فی صد چانس ہوتا ہے۔ جو بچہ اندر آتا اور رونے لگتا میں اسے باہر بھیج دیتا۔ رفتہ رفتہ بچوں نے اپنے آنسوؤں پر قابو پانا شروع کیا۔
میں تو مستقل طور پر مبارکہ کے سرہانے کھڑا ہوا تھا، بچوں کو دو سے زیادہ تعداد میں آنے کی اجازت نہ تھی۔
جب بھی کوئی بچہ آتا۔ میں پوچھتا یہ کون ہے؟ آواز نہیں آتی تھی لیکن مبارکہ کے ہونٹ اس طرح ہلتے جس سے بچے کا نام ادا ہوتا ہوا پورا سمجھ میں آتا۔ حالت تو غیر ہی تھی لیکن تیسرے دن دو دلچسپ باتیں ہوئیں جس سے مجھے کچھ تسلی ہونے لگی۔ میں نئے کپڑے پہن کر ہسپتال پہنچا۔ مبارکہ نے آنکھ کھولی تو مجھے دیکھ کر کہنے لگی۔ ‘‘کتھے چلے او’‘ (آپ کہاں جا رہے ہیں ؟)۔ جب بیوی بے ہوشی اور بے خبری کی حالت میں بھی نگرانی کی اس حد تک آ جائے تو اسے کون بے ہوش یا بے خبر کہے گا۔
جب سارے بچے باری باری آ کر ماں سے مل چکے تو مبارکہ نے دوسری طرف پڑی ہوئی کرسی کی طرف آنکھ سے اشارہ کر کے کہا آپ اب وہاں بیٹھ جائیں۔ مجھے ان دونوں باتوں سے کافی تسلی ہو گئی۔ لیکن کمال یہ ہے کہ جب مبارکہ بالکل صحت یاب ہو گئی تو اسے ان باتوں میں سے کچھ بھی یاد نہ تھا۔ صرف اتنا یاد تھا کہ بچوں کی پرچھائیاں سی دکھائی دیتی تھیں اور بس۔
مجھے اندازہ ہے کہ اصلاً مبارکہ کو اندر سے یہ خوف ہے کہ میں دنیا سے کوچ کرنے والا ہوں۔ فروری والی بیماری کے دوران میں نے اسے بڑے رسان سے کہا تھا کہ مبارکہ بیگم!آپ زیادہ فکر مت کریں، میں پہلے چلا گیا تو جاتے ہی آپ کو بلوا لوں گا۔ آپ پہلے چلی گئیں تو میں بھی زیادہ دیر یہاں نہیں رہوں گا، آپ کے پیچھے پیچھے ہی چلا آؤں گا۔ لیکن شاید ہم دونوں کے درمیان اہلِ لکھنؤ کے ‘’پہلے آپ۔ ۔ ۔ ۔ پہلے آپ’‘ کے برعکس ’‘پہلے میں۔ ۔ ۔ پہلے میں ‘‘ کا مقابلہ چلا ہوا ہے۔ اس چکر میں شاید موت کا فرشتہ بھی کنفیوز ہو رہا ہے کہ ان دونوں میاں بیوی نے مجھے کس چکر میں ڈال دیا ہے۔ پہلے کسے لے جاؤں ؟
۲۹؍ستمبر ۲۰۰۹ء کو مبارکہ ابھی انتہائی نگہداشت والے روم میں تھی، گردن میں، ہاتھ پر، سینے پر، بازو پر مختلف کنکشنز لگے ہوئے تھے۔ ایک بازو اور ہاتھ کے الٹی طرف ڈرپیں لگانے کے لیے، ایک بازو پر بوقتِ ضرورت ٹیسٹ کرنے کی غرض سے خون لینے کے لیے، گردن اور سینے پرکہیں ڈائلسز کے لیے، کہیں کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کے لیے اور کہیں پتہ نہیں مزید کن کن مقاصد کے لیے کنکشن کی تاریں ہی تاریں لگی ہوئی تھیں۔ مبارکہ کیا تھی، اچھی بھلی روبوٹ دکھائی دے رہی تھی۔ جیسے روبوٹ کو بالکل انسان جیسا دکھائی دینے کا تجربہ کر لیا گیا ہو۔ ہم سارے گھر والے اسے دیکھ کر واپس گھر پہنچے۔ چائے بنانے کے لیے کہا، چائے بن کر ٹرے میں ہی چائے کے کپ رکھ کر لائی جا رہی تھی کہ اچانک میری چھ سالہ پوتی ماہ نور کمرے سے باہر کی طرف دوڑ کر گئی اور اپنی چچی کی اٹھائی ہوئی چائے کی ٹرے سے ٹکرا گئی۔ یہ حادثہ ایسے ہوا کہ ساری چائے ماہ نور پر آن گری۔ فوراً ایمبولینس کو بلایا۔ ایمبولینس پہنچی تو انہوں نے حادثہ کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ایک اور ایمبولینس بلا لی۔ ہم سمجھے ابھی فرسٹ ایڈ دے رہے ہیں، بعد میں پتہ چلا کہ گھر پر ہی اصل علاج شروع کر دیا گیا تھا۔ معاملہ کی سنگینی کا تب احساس ہوا جب انہوں نے ہیلی کاپٹر بھی منگا لیا۔ ماہ نور اور ا س کی امی تسنیم دونوں ہیلی کاپٹر سے من ہائم کے یونیورسٹی کلینک روانہ ہوئے۔ یہ شہر ہمارے شہر سے ایک گھنٹہ کی ڈرائیو پر ہے۔ بچوں کے اس طرح کے جلنے کے علاج کے سلسلہ میں اسے خصوصیت حاصل ہے۔ شعیب اور میں، ہم دونوں کار کے ذریعے من ہائم روانہ ہو گئے۔ من ہائم اور ویزبادن کے دونوں ہسپتال بالکل مختلف سمتوں میں واقع ہیں۔ بہر حال ابھی پہلے بحران سے نکلے نہ تھے کہ دوسرا بحران آ گیا۔ اور تیسرا بحران یکم اکتوبر کو میرے دل کا وال (شریان) کھولنے کی صورت میں پہلے سے طے کیا جا چکا تھا۔ کیا کوئی یقین کر سکتا ہے کہ ان سارے بحرانوں میں گھرا ہوا تھا اور تب ہی میری گیارہ کتابوں کی کتاب ‘’عمرِ لاحاصل کا حاصل’‘ کا لائبریری ایڈیشن اور جدید ادب کا جنوری ۲۰۰۹ء کا شمارہ ریلیز ہو چکا تھا۔ اسی دورانیہ کے اندر میں نے ارشد خالد کے عکاس انٹرنیشنل کے نارنگ نمبر کے لیے بنیادی نوعیت کا کام بھی نمٹایا۔ اسی دوران ہی میں نے نہ صرف اپنی کتاب ‘’ڈاکٹر گوپی چند نارنگ اور مابعد جدیدیت’‘ کی بیک وقت ہندوستان اور پاکستان سے اشاعت کو ممکن بنایا بلکہ جنوری ۲۰۱۰ء کا جدید ادب کا شمارہ بھی انہیں ایام میں مکمل کر کے اشاعت کے لیے بھیج دیا۔ اور اب جبکہ نومبر کے آخری عشرہ کے شروع میں یادوں کا یہ باب لکھ رہا ہوں تو جدید ادب کا اگلے سال جنوری ۲۰۱۰ء کا شمارہ جدید ادب کی ویب سائٹ پر ریلیز کیا جا چکا ہے اور کتابی صورت میں چھپ جانے کی اطلاع بھی آ گئی ہے۔ اور انشاء اللہ نومبر کے مہینے کے اندر ہی کتابی صورت میں ریلیز بھی کیا جا رہا ہے۔ اسی اثناء میں غزلیں، نظمیں بھی تخلیق ہوئیں، ایک نیا افسانہ بھی لکھا گیا، اور اب یادوں کا یہ نیا باب بھی مکمل کر رہا ہوں۔ انہیں ایام کے دوران ہی خدا نے مجھے چوتھا پوتا شیراز حیدر بھی عطا کر دیا۔ یہ شعیب کا دوسرا بیٹا ہے۔ فالحمدللہ علی ذالک!
جب شیراز کی پیدائش ہوئی مبارکہ ہسپتال میں تھی۔ ہسپتال سے چھٹی ملتے ہی سب سے پہلے اس ہسپتال میں گئی جہاں شیراز کی پیدائش ہوئی تھی، وہاں پوتے کو دیکھا، چوما، دعا کی اور پھر گھرواپس آئی۔ اپنے دو نواسوں اور ایک پوتے کے ختم قرآن کا ذکر یادوں کے ایک باب میں کر چکا ہوں۔ اس عرصہ میں مزید پیش رفت یہ ہوئی کہ گزشتہ برس عثمان کے بیٹے اور میرے دوسرے پوتے جہاں زیب نے فروری میں ساڑھے پانچ برس کی عمر میں قرآن شریف ختم کر لیا۔ اس برس جولائی میں جہانزیب کی بہن علیشا نے پونے پانچ سال کی عمر میں قرآن شریف ختم کر لیا۔ ماہ نور بھی بیس پارے پڑھ چکی ہے اور اگلے دو تین ماہ تک اس کے ختم شریف کی بھی امید ہے۔ سو اپنی ذاتی زندگی کی اس سال کی اچھی خبروں میں ان خبروں کو بھی شمار کرتا ہوں۔ ایک بار پھر شکر الحمدللہ!
یہاں ایک بات کا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ ویسے تو سارے بچے بہت فرمانبردار اور خیال رکھنے والے ہیں۔ ہمارے عمرہ اور حج کی توفیق میں ان کا بھرپور ساتھ شامل رہا ہے۔ جب مجھے کسی ذاتی کام کے لیے رقم کی ضرورت پیش آئی اور میں نے تینوں بیٹوں کے ذمہ کچھ رقم لگائی، سب نے وہ رقم فراہم کر دی۔ عام حالات کے مطابق میرے کہے بغیر بھی طارق نے دو تین اہم مواقع پر از خود میری ضرورت کا احساس کرتے ہوئے مجھے خاصی معقول رقم فراہم کی ہے۔ تاہم مجھے پہلی بار معلوم ہوا ہے کہ بڑا بیٹا شعیب ایک عرصہ سے ہر سال ایک معقول رقم خاموشی کے ساتھ ماں کو دے رہا ہے۔ مجھے کئی برس کے بعد اب علم ہواتو میں نے دونوں ماں بیٹے کو نصیحت کی کہ مجھے اس کا علم ہونا چاہیے تھا تاکہ میں تحدیث نعمت کے طور کہیں اس کا ذکر کر دیتا۔ خدا کا شکر ہے کہ اب مجھے اس کا ذکر کرنے کا موقعہ مل گیا ہے۔
یکم اکتوبر کو میری انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی ہوئی۔ ایک سائڈ پر سکرین پر سارا منظر دکھائی دے رہا تھا۔
سمندروں ڈوہنگے دل دریا کی گہرائیوں میں تو کئی بار غوطہ زن ہوا ہوں، لیکن اس کی مواجی کا منظر ایک اور طرح سے دیکھ رہا تھا۔ دائیں ران سے سوراخ کر کے تار وہاں سے گزارا گیا جو بائیں جانب مقیم دل تک پہنچنا تھی۔ تو جناب یہ دل بائیں جانب ہی کیوں ہوتا ہے اور دائیں جانب سے چل کر ہی بائیں جانب والے دل کا علاج کیوں کیا جاتا ہے۔ ادب میں دائیں بازو اور بائیں بازو کے مکاتب فکر کی کہانی بھی شاید ران اور دل کے رشتے کی کہانی ہے۔ دونوں لازم و ملزوم ہیں اور ایک دوسرے سے وابستہ۔
میں ادب میں دائیں بازو، بائیں بازو والوں کی کارگزاری کے ساتھ مشینوں کی انسان دوستی کا منظر بھی دیکھ رہا ہوں۔ علامہ اقبال نے اپنے حساب سے کہہ دیا تھا ؎
ہے دل کے لیے موت مشینوں کی حکومت
احساسِ مروت کو کچل دیتے ہیں آلات
لیکن یہاں معاملہ بالکل برعکس ہو رہا ہے۔ مشینیں دل کے لیے موت کا نہیں بلکہ حیات کا پیغام بن رہی ہیں۔ پیس میکر کی صورت میں دل کا محافظ تو متعارف ہو چکا ہے، حال ہی میں جاپان کے سائنس دانوں نے پلاسٹک کا ایسا دل تیار کیا ہے جو کارکردگی کے لیے لحاظ سے اب تک کے سارے متبادل ذرائع سے زیادہ موثر اور مفید ثابت ہو گا۔
علامہ اقبال کی بعض باتیں آج بھی درست ثابت ہو رہی ہیں، لیکن مشینوں کو دل کے لیے موت قرار دینے کی طرح ان کی بعض باتیں درست ثابت نہیں ہوئیں۔ انہوں نے مغربی تہذیب کو للکارتے ہوئے کہا تھا۔
تمہاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خود کشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا، نا پائیدار ہو گا
مغربی تہذیب نے تب سے اب تک خود کشی نہیں کی، البتہ عالمِ اسلام کے کئی خطوں سے چلتی ہوئی خود کش حملوں کی وبا اب پاکستان کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ میں یہاں کسی موازنۂ مشرق و مغرب میں نہیں پڑ رہا۔ بس اتنا سا اشارہ ہی کافی ہے۔ بات ہو رہی تھی، جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے انسان کو ملنے والی سہولتوں کی۔ میرے لیے آپریشن کا سارا مرحلہ خیر و خوبی کے ساتھ مکمل ہو گیا تھا۔ کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوئی۔ لیکن چند گھنٹوں کے بعد شدید تکلیف اور اضطراب کا سامنا کرنا پڑا۔ دائیں ٹانگ کو پٹیوں سے جکڑ دیا گیا تھا اور اگلے چھ گھنٹے تک اس ٹانگ کو ہلاناسختی کے ساتھ منع تھا۔ چھ گھنٹے تک ٹانگ کو نہ ہلانے کا احساس اتنا جان لیوا ثابت ہوا کہ میں اس کرب کو بیان ہی نہیں کر سکتا۔ رات مجھے ہسپتال ہی میں گزارنا تھی۔ رات کو ساڑھے دس بجے کے قریب دائیں ٹانگ کو جکڑ بندی سے نجات ملی تو میں نے فوراً ہسپتال کی جانب سے پہنایا گیا ملنگوں جیسا چولا اتارا، اپنا لباس پہنا اور چہل قدمی کرتا ہوا ہسپتال سے باہر نکل آیا۔ سردی کے باوجود کھلی فضا میں بہت اچھا محسوس ہو رہا تھا۔ باری باری سارے بچوں کو فون کیا۔ سب کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا، ان سب کی خیریت دریافت کی۔ مبارکہ اور ماہ نور کا حال پوچھا۔ گھنٹہ بھر باہر گھومنے کے بعد ہسپتال میں واپس آ گیا۔ اگلے دن دوپہر کے بعد مجھے گھر جانے کی اجازت مل گئی۔ اسی دن شام کو مبارکہ سے ملنے گیا۔ وہ انتہائی نگہداشت والے روم سے اب درمیانی نگہداشت والے روم میں منتقل ہو گئی تھی۔ ہوش میں آ گئی تھی لیکن کوئی جنبش از خود نہیں کر سکتی تھی۔ اسے اندازہ نہیں تھا کہ میں خود اپنے دل کے معاملے سے نمٹ کر آ رہا ہوں۔ ابھی اسے اپنے بارے میں یا ماہ نور کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا۔ جیسے جیسے مبارکہ رو بصحت ہو رہی تھی ویسے ویسے ماہ نور کی حالت بھی بہتر ہو رہی تھی۔ اس کا چہرہ تو خدا نے اپنے فضل سے محفوظ کر دیا تھا۔ سینے کے بیشتر داغ بھی کم ہو رہے تھے اور ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ بچی بہت چھوٹی ہے اس لیے ایک سے دو سال تک یہ داغ بھی دور ہو جائیں گے۔
مبارکہ کو جب مختلف کنکشنز سے آزاد کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو جہاں جہاں سے سوئی وغیرہ کو ہٹاتے، وہاں گہرے سرخ داغ نمایاں ہو جاتے۔ تن ہمہ داغ داغ شد والا منظر تھا۔ پنبہ کجا کجا نہم کہنے کی ضرورت نہ تھی۔ ایک دن کے بعد یہ گہرے سرخ داغ جیسے نیلے سے رنگ میں ڈھلنے لگے اور مجھے پنجابی کا ‘’تن من نیل و نیل’‘ یاد دلانے لگے۔ (ویسے کمال ہے کہ ایک مہینہ کے اندر ہی وہ گہرے داغ ایسے ختم ہو گئے ہیں جیسے کبھی تھے ہی نہیں )۔
۲۳؍اکتوبر کو مبارکہ کو ہسپتال سے چھٹی مل گئی لیکن اس خبر کے ساتھ کہ ہفتہ میں تین بار ڈائلسز ہوا کرے گا۔ سرکاری طور پرہی سارا انتظام کیا گیا ہے۔ مقررہ وقت پر ٹیکسی آتی ہے اور گھر سے ہسپتال لے جاتی ہے، چار سے پانچ گھنٹے کے درمیان ڈائلسز کا عمل مکمل ہوتا ہے تو ٹیکسی گھر چھوڑ جاتی ہے۔ مبارکہ کی بیماری، اپنی پوتی ماہ نور کے حادثہ اور اپنے دل کے علاج تک تین چار ہسپتالوں سے واسطہ رہا۔ کہیں بھی امیر یا غریب، جرمن یا غیر جرمن کا فرق دکھائی نہیں دیا، کہیں بھی ہسپتال کے عملہ میں دیکھ بھال کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ وہ جو مسیحا نہ مقام تھا ہر جگہ دکھائی دیا۔ انسانی خدمت کا ایسا اعلیٰ معیار کہ سوچنے بیٹھیں تو آنکھیں شکر گزاری سے بھیگ جائیں۔ ہمارے معاشرے کے لوگ اپنی ذہنیت کے مطابق ان کے بارے کیا کچھ باور کرتے ہیں لیکن میں پورے یقین سے کہتا ہوں کہ اپنی خدمتِ انسانی کے اعلیٰ ترین معیار کے باعث ان لوگوں نے سچ مچ اپنی جنت کمالی ہے۔
اپنی اس علالت کے نتیجہ میں مبارکہ کا وزن پچاس کلو کے لگ بھگ رہ گیا۔ بیشتر کپڑوں کی نئی فٹنگ کرانی پڑی، چھوٹی بیٹی کا شادی سے پہلے کا ایک کوٹ پورا آ گیا۔ اب بہو بیٹیوں میں حسرت کے ساتھ مبارکہ کو دیکھا جاتا ہے کہ ہائے امی! آپ اتنی سمارٹ ہو گئی ہیں۔
میرے دل کا وال(شریان) ٹھیک کر دیا گیا تھا لیکن سانس پھولنے کی کیفیت نہیں جا رہی تھی۔ ڈاکٹر اور ہسپتال کے دو معائنوں کے بعدفرینکفرٹ کے یونیورسٹی کلینک کے ریڈیالوجی نیوکلیر میڈیسن کے شعبہ میں چیک اپ کے لیے بھیج دیا گیا۔ یہ چار گھنٹے طویل دورانیے کا چیک اپ تھا۔ پہلے مرحلہ میں جب مجھے انجکشن لگا کر سائیکلنگ کرائی جا رہی تھی تو ڈاکٹر بار بار پوچھتی تھی کہ دل میں کوئی گھبراہٹ تو نہیں ہو رہی؟میں مزے سے سائیکل چلائے جا رہا تھا اور ہر بار بتا رہا تھا کہ دل کو کوئی گھبراہٹ نہیں ہو رہی، البتہ سائیکل چلاتے ہوئے ٹانگوں میں درد ہو رہا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں جب مجھے لٹا کر اوپر ایک مشین لائی جانے لگی تو شدید گھبراہٹ ہونے لگی۔ میرے دونوں ہاتھ اس طرح سے میرے سر کے نیچے تہہ کر دئیے گئے تھے کہ میں اُٹھ بھی نہ سکتا تھا۔ میں نے کہا میں اپنے جوتے اتارنا چاہتا ہوں، جواب ملا آپ اسی طرح پڑے رہو، ہم خود جوتے اتار دیتے ہیں۔ پندرہ منٹ تک کسی جنبش کے بغیر پڑے رہنا تھا، یہ بھی ٹانگ سیدھی رکھنے جیسا ہی کربناک تجربہ تھا۔ کھجلی جو ویسے کبھی نہ ہوتی تھی اب ہر جگہ ہوئی جا رہی تھی لیکن کہیں بھی کھجانے کی اجازت نہ تھی۔ بہر حال پندرہ منٹ کے بعد اس مشکل سے نجات ملی۔ ایک وقفہ کے بعد جب ایک بار پھر یہی معائنہ دہرایا گیا تو پھر میں نے اپنی گھبراہٹ پر قابو پا لیا تھا۔ دوسری بار یہ معائنہ بخیر و خوبی مکمل ہو گیا۔ سارے چیک اپ کا نتیجہ یہ نکلا کہ مزید دو وال بند پائے گئے۔ اور اب ایک بار پھر آپریشنل پراسیس سے گزرنا ہو گا۔ گھر آ کر میں نے مبارکہ سے پنجابی میں کہا کہ ‘’سِرتے اک وال نئیں ریہا،تے اے ہن دل دے والاں دے دوالے ہو گئے نیں ‘‘۔ بہر حال ۳ نومبر کو ایک بار پھر دل کی انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی ہونا قرار پائی۔
میں اپنے دوست احباب کو بتا رہا تھا کہ زندگی بھر جنہیں دل کھول کر دکھانے کی حسرت رہی وہ تو پوری نہیں ہوئی، لیکن یہ لوگ نہ صرف دل میں جھانکتے رہتے ہیں بلکہ جب جی چاہتا ہے اسے کھول کر دیکھ بھی لیتے ہیں، بلکہ بار بار دیکھتے جا رہے ہیں۔ بہر حال ۳ نومبر کو یہ مرحلہ بھی خیرو خوبی سے گزر گیا۔ رات کو چھ گھنٹے سیدھے لیٹے رہنے اور دائیں ٹانگ کو بالکل نہ ہلانے کی ہدایت پر عمل کے لیے میں اس بار ذہنی طور پر تیار تھا۔ میں نے نیند کی گولی کی خواہش ظاہر کی۔ ڈاکٹر نے ڈرپ میں ہی ہلکی سی مقدار میں دوا دے دی۔ اس سے نہ تو گہری نیند آئی اور نہ ہی بے چینی والی بیداری رہی۔ نیم خوابی کی سی کیفیت تھی۔ سو اس بار زیادہ دقت نہیں ہوئی۔ جب پٹی کھولی گئی تو میں اطمینان اور آرام کے ساتھ اُٹھا۔ ہسپتال والوں کا ملنگوں والا چولا اتارا، اپنالباس پہنا اور اس بار اپنے وارڈ کے باہر لان میں کرسی پر آ کر بیٹھ گیا۔ ہسپتال سے باہر جانے کی ہمت نہیں ہوئی۔
دوسرے دن معمول کے مطابق چھٹی مل جانی تھی لیکن ایک مہینے میں دوسری بار اس مرحلہ سے گزرنے کے باعث مجھے احتیاطاً ایک دن کے لیے مزید روک لیا گیا۔ ۵؍ نومبر کو چھٹی دی گئی اور میں مزے مزے سے گھر پہنچ گیا۔
پہلی بار آپریشن وارڈ سے جنرل وارڈ تک پہنچا تھا تو طارق، نازیہ اور شایان فوراً ہسپتال پہنچ گئے تھے۔ اب دوسری بار جنرل وارڈ میں پہنچا تو مبارکہ، طارق، نازیہ اور شایان کے ساتھ پہنچ گئی تھی۔ دوسرے دن جب چھٹی نہیں ملی تو مبارکہ، شعیب اور عثمان ایک ساتھ ملنے آ گئے۔ اب عمر کے اس حصے میں اور بیماریوں کی اس یلغار میں مبارکہ اور میں ایک دوسرے کی دیکھ بھال کرتے رہتے ہیں۔ بعض عزیز اور دوست احباب ہم دونوں کی خیریت دریافت کرنے لگے تو میں نے کہا ہم دونوں ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کی دیکھ ریکھ کرتے رہتے ہیں ۔ مثلاً میں مبارکہ سے کہتا ہوں آپ آرام سے بیٹھیں، میں چائے تیار کر کے لاتا ہوں۔ مبارکہ جواباً کہتی ہے نہیں آپ آرام سے بیٹھیں میں چائے تیار کر کے لاتی ہوں۔ ہم دونوں کا جذبہ دیکھ کر چائے کہتی ہے آپ دونوں آرام سے بیٹھیں میں خود ہی تیار ہو کر آ جاتی ہوں۔
۱۹؍ نومبر۲۰۰۹ء کو ڈاکٹر کو میں نے بتایا کہ سانس پھولنے کا مسئلہ جوں کا توں ہے، تو اس نے کہا کہ ایک بار پھر انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کے مراحل سے گزرنا ہو گا۔ میں نے کہا ۳؍دسمبر کے بعد کی کوئی تاریخ طے کر لیں۔ تب تک خواب کی تعبیر نہ آئی تو پھر جیسے چاہیے ہمارے دل پر مشقِ ناز فرمائیے۔
جب میرے ۳ ؍دسمبر والے خواب کی بات گھر کے تقریباً سارے افراد تک پہنچ گئی تو میں نے مناسب سمجھا کہ خوابوں اور ان کی تعبیروں سے دلچسپی رکھنے والے بعض خاص دوستوں کو بھی خواب بتا دیا جائے۔ اس سلسلہ میں ہالینڈ سے جمیل الرحمن، انگلینڈ سے نصیر حبیب اور جرمنی سے خالد ملک ساحل تین دوستوں کا بطور خاص حوالہ دوں گا۔ خالد ملک ساحل صاحب اتنے رقیق القلب نکلے کہ مجھے لگا میری فوتگی پر وہ جس طرح رونے لگیں گے، انہیں دلاسہ دینے کے لیے شاید مجھے خود ہی اٹھ کر انہیں چپ کرانا پڑے گا۔ تاہم انہوں نے تعبیر یہ کی کہ ۳؍دسمبر سے آپ کی زندگی میں ایک نئی زندگی کا آغاز ہو گا، جس میں روحانی پہلو زیادہ ہو گا۔ لگ بھگ اسی انداز کی بات نصیر حبیب صاحب نے ہنستے ہنستے اور بعض رنگین اشارے دے کر کر دی۔ جمیل الرحمن سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ ۳ دسمبر کی تاریخ کو ایک طرف رکھیں۔ اور انّی متوفّیک کے اعداد نکالیں۔ اعداد نکالے تو ۹ نکلے۔ میں نے کہا اب تو بات واضح ہو گئی کہ ۲۰۰۰ کی صدی میں ۲۰۰۹ ایک بار ہی آنا ہے۔ اس کی دوسری تاویل کرنا چاہیں تو کہہ سکتے ہیں کہ ۲۰۰۹ء سے اگلے نو برس تک زندگی رہے گی اور ۲۰۱۸ء میں وفات ہو گی۔ اس پر جمیل الرحمن نے کہا کہ میرے حساب سے ۲۰۱۶ء کا سال نکلتا ہے۔ کیونکہ ۲۰۱۶ کے اعداد نو نکلتے ہیں۔ میں نے کہا کہ ہاں یہ بھی قرینِ قیاس ہے۔ جب مبارکہ کو اس حساب کتاب کا علم ہوا تو کہنے لگی کہ ۲۰۲۵ ء اور ۲۰۳۴ء کے اعداد بھی تو نو ہی نکلتے ہیں۔ میں نے کہا کہ صرف ۲۰۳۴ تک ہی کیوں پھر ۲۰۵۲ء کر لیں۔ اس کا عدد بھی ۹ نکلتا ہے اور میری زندگی کی سنچری بھی پوری ہوتی ہے۔ ۹ کے پھیر میں جمیل الرحمن نے ڈال دیا ہے ورنہ خواب سیدھا سادہ ۳؍دسمبر۲۰۰۹ء سے متعلق ہے۔ پورا ہو گیا تو بھی ٹھیک اور پورا نہ ہوا تو بھی خیر۔ ۔ ۔ لیکن نو کے عدد سے تاویل و تعبیر کا ایک طویل تر سلسلہ بنتا جا رہا ہے۔
اتنی تعبیریں یکجا ہوتی گئیں تو میرا بے چارہ خواب اپنی موت آپ مر جائے گا۔ شاید دوستوں نے مجھے بچانے کے لیے یہی ترکیب نکالی ہو کہ اتنی تعبیریں اور تاویلیں جمع کر دو کہ سب کچھ خلط ملط ہو جائے۔ کثرتِ تعبیر کے ہاتھوں خواب کے انجام سے مابعد جدید والوں کا ڈھکوسلہ بھی مزید سمجھ میں آتا ہے۔ لیجیے صاحب معنی کو ہمہ وقت ملتوی کراتے رہیے، موت سے جان بچاتے رہیے، لیکن تا بہ کے!
میں نے اپنی یادوں کے باب ’‘دعائیں اور قسمت’‘میں بڑی وضاحت سے لکھا تھا:
‘’چند قرآنی اور مسنون دعائیں مجھے بچپن میں رٹا دی گئی تھیں۔ ان کی بھی ایک اہمیت ہے لیکن میں جب کسی دُکھ کی حالت میں ہوتا ہمیشہ اپنی زبان میں خدا سے دعا کرتا۔ بہت بار ایسا تجربہ ہوا کہ میں نے دعا کی اور اسی حالت میں مجھے دعا کی قبولیت کا یقین بھی ہو گیا۔ جب بارہا ایسا ہوا تو میں نے اپنے بعض قریبی عزیزوں کو اس بارے میں بتایا۔ اس بتانے کا نتیجہ یہ نکلا کہ جو دعا بظاہر قبول ہو چکی تھی، ایک لمبے وقفہ تک معلّق ہو گئی۔ دو تین بار ایسے جھٹکے لگنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ قبولیت دعا کا نشان تو خدا کے مامورین اور اولیاء کے لئے مخصوص ہے۔ میری کسی بھی دعا کا قبول ہونا میرا انفرادی معاملہ ہے۔ اگر میں اسے دوسروں کو بتاؤں گا تو مقامِ ولایت پر قدم رکھنے جیسی جسارت کروں گا، جس کا میں اہل ہی نہیں۔ سو اسی لئے وہ دعائیں جن کی قبولیت کے بارہ میں دوسروں کو بتا دیتا ہوں، لمبے عرصہ کے لئے ردّ و قبول کے درمیان معلّق ہو جاتی ہیں اور یہی میرے افشاء کی سزا ہوتی ہے۔
عجب سزا ہے کہ میرے دعاؤں والے حروف
نہ مسترد ہوئے اب تک نہ مستجاب ہوئے ‘‘
اپنے خواب اور غنودگی کی حالت میں قرآنی الفاظ کے زبان پر جاری ہونے کے تجربہ کو قبولیت دعا سے ملتا جلتا یا شاید اس سے بھی کچھ زیادہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ تو میں نے جو اسے مقررہ وقت آنے سے پہلے اپنے عزیزو اقارب اور دوستوں میں اتنا زیادہ بتا دیا ہے تو کہیں لا شعوری طور پر میں نے یہی تو نہیں چاہا کہ تین دسمبر کا سن سچ مچ معلق ہو جائے۔ اور چاہے پھر بعد میں تاریخ بھی ادل بدل ہو جائے۔ بظاہر ایسا نہیں ہے لیکن انسانی لا شعور کا کیا کہا جا سکتا ہے۔ یوں بھی دل دریا سمندروں ڈوہنگے۔ مجھے موت کے سلسلہ میں صرف ایک خواہش شدت کے ساتھ رہی ہے کہ جب بھی آئے بہت آرام سے آئے۔ جیسے ہلکی سی اونگھ میں گہری اور میٹھی اونگھ آ جائے اور میں اسی میٹھی اونگھ میں آگے نکل جاؤں۔ روح اور جسم کے حوالے سے میں اپنی بساط کے مطابق کافی کچھ لکھ چکا ہوں۔ یہاں اپنی سوچ میں ہوئی پیش رفت کا ہلکا سا ذکر بھی کر دوں۔ جسم اور روح لازم و ملزوم ہیں۔ جسم کے اندر ہی کہیں کوئی مین سوئچ ہے (جسے ابھی جدید سائنس دریافت نہیں کر پائی)۔ وہ مین سوئچ آف کر دیا جاتا ہے تو ہم مر جاتے ہیں۔ جسم سے گہرے اور مستقل ربط کے باوجود مجھے روح کی ایک حد تک الگ حیثیت کا بھی پرچھائیں جیسا ادراک ہوتا ہے۔ اس سے جسم کی نفی نہیں ہوتی لیکن روح جسم کے ساتھ اس سے سوا بھی ہے۔ مثال کوئی بہت واضح نہیں ہے لیکن اسے کسی حد تک اور محض مثال کے طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔ سیٹلائٹ سے جو پروگرام نشر کیے جا رہے ہیں، وہ اپنے اظہار کے لیے ٹی وی سیٹ کے محتاج ہیں۔ ٹی وی کے بغیر وہ خود کو ظاہر نہیں کر سکتے، یوں ٹی وی اور سیٹلائٹ سے آنے والے پروگرام میں گہرا ربط ہے۔ تاہم ٹی وی کے بغیر بے شک وہ پروگرام خود کو ظاہر نہ کر پائے لیکن وہ یہیں کہیں موجود تو ہوتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس موضوع پر میرے لیے بہت سا مزید غور و فکر کا سامان موجود ہے۔ تاہم اس سے روح اور جسم کے لازم و ملزوم ہونے کے اس تصور کی نفی نہیں ہوتی جو میں اپنی یادوں کے باب ‘’روح اور جسم’‘ میں بیان کر چکا ہوں۔ یہ نئی سوچ در اصل اسی سوچ کی محض توسیع اور اسی کے اندر ایک نئے زاویے کی دریافت کا احساس دلاتی ہے۔
بہر حال دوستوں کی تعبیروں کو بھی ایک حد تک مد نظر رکھا جائے تواب تین امکانات ہیں، اسی سال ۲۰۰۹ء کے ۳ دسمبرکو مجھے بارگاہِ الٰہی سے بلاوا آ جائے۔ یا پھر ۲۰۱۶ء یا ۲۰۱۸ء تک اسے موخر سمجھا جائے۔ ذاتی طور پر میرے دامن میں حبّ رسولؐ کے طور پر کچھ بھی خاص نہیں ہے۔ ایک ہلکا سا احساس اور بس۔ میں نے ایک عرصہ پہلے سے یہ خواہش کر رکھی ہے کہ میرے پاس نذر گزارنے کو اور کچھ بھی نہیں ہے سو اپنی عمر کا نذرانہ بارگاہِ رسالت میں پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ میری عمر ۶۳ برس سے تجاوز نہ کرے، اس کے اندر ہی اندر کہیں بھی مکمل ہو جائے۔
بلاشبہ زندگی خدا کا عطا کردہ بہت بڑا انعام ہے، اس کے لیے خدا کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ موت بھی بر حق ہے، خدا جب چاہے بلا لے، میں اس کے لیے بھی ہمیشہ اس کی رضا پر راضی اور کوچ کے لیے کمربستہ ہوں۔ بس اپنی عمر کے ۶۳ برس سے تجاوز نہ کرنے کی خواہش کے پیش نظر مجھے ۲۰۱۶ء یا ۲۰۱۸ء کے مقابلہ میں ۲۰۰۹ء کا سال ہی زیادہ مناسب لگ رہا ہے۔ آگے جو اس کی مرضی!
۳دسمبر ۲۰۰۹ء والی تعبیر سچ ثابت ہو گئی تواس لیے بھی خوشی ہو گی کہ یادوں کا یہ باب چھپتے وقت پورا باب بزبانِ حال کہہ رہا ہو گا۔
زمانہ بڑے شوق سے سن رہا تھا
ہمیں سو گئے داستاں کہتے کہتے
خواب کی تعبیر کچھ اور ہوئی یا سارا خواب ہی غلط ہو گیا تو پھر ۴؍دسمبر کو ایک دو سطروں کا اضافہ کر کے یہ باب مکمل کر لوں گا۔ وماتوفیقی الا باللہ!
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
(یہ تحریر میں نے ۲۳؍ نومبر ۲۰۰۹ء کو مکمل کر لی تھی۔ آج۲۶؍ نومبر تک اس میں ہلکے پھلکے اضافے کیے اور آج ہی ان احباب کو ای میل سے یہ فائل بھیج رہا ہوں :شمس الرحمن فاروقی(الٰہ آباد)، محمد عمر میمن(امریکہ)، شمیم حنفی (دہلی )، ڈاکٹر علی جاوید(دہلی)، منشا یاد(اسلام آباد)، ایوب خاور(کراچی)ڈاکٹر صغریٰ صدف(لاہور)، جمیل الرحمن (ہالینڈ)، خورشید اقبال (۲۴ پرگنہ)، خالد ملک ساحل (جرمنی)، شبانہ یوسف(انگلینڈ )، ارشد خالد(اسلام آباد)، احمد حسین مجاہد(ایبٹ آباد)، سلیمان جاذب(دبئی)۔ ۔ ۔ ح۔ ق)
۲۸نومبر کو یہ فائل سلطان جمیل نسیم (کینیڈا)، عبداللہ جاوید اور شہناز خانم عابدی(کینیڈا)کو بھی بھیج دی گئی۔
٭٭

۴؍دسمبر کو لکھا جانے والا اضافی نوٹ: اس وقت جرمنی کے وقت کے مطابق رات کے بارہ بج کر سات منٹ ہو چکے ہیں، ۳؍دسمبر۲۰۰۹ء گزر چکا ہے، ۴؍دسمبر کا دن شروع ہو چکا ہے۔ ویسا کچھ نہیں ہوا جیسا میں سمجھ رہا تھا۔ لیکن منشا یاد کے افسانہ ‘’بیک مرر’‘ کے اختتام کے مطابق ایسا ہو تو سکتا تھا۔ (ح۔ ق)
٭٭٭

پہیے کے اندر (سفرنامۂ ہند)

فاروق خالدؔ (ایمسٹر ڈیم)

انتساب

ہندوستان کے ایک مندر میں گھومتے پھرتے ہوئے ناگاہ میری نگاہ، ایک مورتی کے سامنے کھڑے، ایک پُجاری پر پڑی۔ وہ اپنے دونوں کان پکڑے، آنکھیں بند کیے اور اپنے سر کو متواتر آگے پیچھے ہلاتا ہوا اٹھک بیٹھک کر رہا تھا، اس انجذاب اور وارفتگی سے کہ پتھر بھی یقیناً متاثر ہوا ہو گا۔ میں اس سفر نامے کو اس شخص کے نام معنون کرتا ہوں۔ ف۔ خ)
پہیے میں داخل ہونے کے لیے مَیں ایک مر تبہ پھر متحرک ہوا۔ اس واسطے مجھے اس کے ایک دُور دراز کے ایک ذیلی حِصّے میں جا کر اپنے لیے ایک اجازت نامہ حاصل کرنا تھا۔ مَیں امستردم سے قریباً پچپس کلو میٹر دُور واقع ایک شہر، ڈن ہاگ، میں بھارت کے سفارت خانے سے ویزا لینے گیا تو مجھے پہلے کی طرح بتایا گیا کہ میرے لیے اس ملک کے کسی باشندے سے ایک دعوت نامہ حاصل کرنا بے حد ضروری ہے۔ مَیں پہلے ہی سے ایسی متعدد کوشش کر چکا تھا اور جانتا تھا کہ یہ آسان نہیں ہے۔ چناں چہ مَیں نے سفارت خانے کے کونسلر کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور اسے یہ بھی بتایا کہ اس ضمن میں مَیں نے امستردم میں اپنے ایک ہندوستانی دوست سے رابطہ قائم کیا تھا تو مجھے بتایا گیا تھا کہ بھارت میں جب اس کے کسی باشندے کو اس کے لیے کہا جاتا ہے تو وہ لیت و لعل سے کام لیتا ہے کیوں کہ وہ خواہ مخواہ کی دشواریوں اور تکلیف دہ الجھنوں میں سے گزرنا نہیں چاہتا، یعنی اس کی درخواست مختلف محکموں میں سے ہوتی ہوئی اس کے علاقے کے تھانے میں پہنچتی ہے تو وہاں اس سے ناروا طریقے سے باز پُرس کی جاتی اور اس سے رشوت بھی طلب کی جاتی ہے۔ یہ سُن کر کونسلر کا پارہ چڑھ گیا اور وہ غصّے سے بولا کہ مجھے بھارتی سرکار اور اس کے شہریوں کو بدنام کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اور مجھے اس کے لیے محتاط ہونا ہو گا۔ مَیں اسے مزید تفصیلات سے آگاہ کرنا چاہتا تھا کہ وہ مجھے اس کا موقع دیے بغیر ایک طرف کو چلا گیا۔ مَیں بے نیلِ مرام اپنے گھر کو واپس ہوا اور سارا راستہ یہی سوچتا رہا کہ اس ملک کا ویزا حاصل کرنے کے لیے مجھے کیا کرنا ہو گا؟ مَیں نیدر لینڈ کا شہری تھا اور جب مَیں اسی ملک کے اپنے دوستوں کو اپنے مسئلے سے آگاہ کرتا تھا تو وہ اپنے تجربات کی بنا پر یقین کرنے کو تیار نہیں ہوتے تھے کہ ولندیزی پاسپورٹ رکھنے والا کوئی شخص اس غیر ضروری مشکل سے دو چار ہو سکتا ہے۔ ہاں، جب اُنھیں پتا چلتا تھا کہ اِسی پاسپورٹ میں میری جائے پیدائش پاکستان کا ایک شہر درج ہے تو وہ لاجواب ہو کر گہری سوچ میں ڈوب جاتے تھے۔
مَیں خود کو در پیش صورتِ حال کا بغور جائزہ لے کر اپنے دفتر، ادارۂ ترقیِ تراجم ولندیزی اَدبیات گیا جہاں مَیں گزشتہ اٹھائیس برسوں سے ولندیزی اَدبِ عالیہ کو اُردُو میں منتقل کرنے میں مشغول ہوں۔ وہاں سے مجھے بھارتی سفارت خانے کے لیے ایک خط دیا گیا کہ وہ میرے کام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مجھے ویزا دینے میں لچک کا مظاہرہ کریں۔ کونسلر نے اسے قطعاً درِ خور اعتنا نہ جانا اور بڑی بے رُخی سے اپنے کہے کا اعادہ کیا کہ میرے لیے کسی بھارتی شہری سے دعوت نامہ حاصل کرنا انتہائی نا گُزیر ہے۔
مَیں نے واپس امستردم آ کر اپنے دفتر کے ایک کارکن کو یہ بتایا تو اُس نے مجھے ایک اور خط دیا جسے مجھے ولندیزی وزارتِ خارجہ کے دفتر میں متعلقہ عہدہ دار کودے کر تمام صورتِ حال سے آگاہ کرنا تھا۔ اس دفتر میں میرا سابقہ ایک نوجوان لڑکی سے پڑا، جس نے وہ خط پڑھ کر اور میری بپتا سُن کر مجھ سے میرا پاسپورٹ لیا اور اپنے شعبے میں چلی گئی۔ قریباً آدھ گھنٹے کے بعد وہ واپس آئی اور مجھے میرا پاسپورٹ اور ایک خط دیتی ہوئی بولی کہ مَیں اِنھیں لے کر بھارتی سفارت خانے میں جاؤں اَب وہ مجھے انکار نہ کر سکیں گے۔ مَیں نے پاسپورٹ کھول کر دیکھا۔ اسے وزارتِ خارجہ کی طرف سے سرکاری نوعیت کا حامل قرار دیا گیا تھا اور خط میں بھی اس کی تصدیق کی گئی تھی۔
میرے پاسپورٹ اور خط کا جائزہ لینے کے بعد بھارتی سفارت خانے میں ویزا سیکشن کا عملہ مجھ سے ایک واضح تبدیلی کے ساتھ پیش آیا۔ مجھے یوں محسوس ہوا جیسے میرا سامنا بالکل مختلف قسم کے لوگوں سے ہو یا پھر میری کایا کلپ ہو گئی ہو۔ بشمول کونسلر وہ سب حیران تھے کہ مَیں اپنے پاسپورٹ کو یہ حیثیت دینے میں کیوں کر کامیاب ہوا۔ بہر کیف اُنھوں نے واجبات وصول کیے اور دوسرے دِن مجھے پورے بھارت کا تین مہینے کے لیے ویزا دے دیا۔

۲۰ ؍اپریل ۲۰۰۹ء
لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر، جہاں سے ریل گاڑی نے اٹاری، بھارت کے لیے کوچ کرنا تھا، لوگوں کا ازدحام تھا۔ وہاں ایسی دھکم پیل تھی کہ واقعی کھوئے سے کھوا چھِل رہا تھا۔ اِن میں زیادہ تعداد سکھ اور ہندو یاتریوں کی تھی، جو پاکستان میں اپنے مقّدس مقامات کی زیارت کے بعد وطن واپس جا رہے تھے۔ ان کے علاوہ اِنھی جیسے پاکستانی، بھارت میں اپنے عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے جانے والے اور دیگر کئی طرح کے لوگ، شامل تھے۔ پاکستانی پولیس نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے لوگوں کو قطار بنانے اور اِن کی سرزتش کرنے میں متواتر مشغول تھی اور یہ سب ناکامی کی لہروں میں دھکیلے جاتے تھے۔ کچھ دیر بعد سپاہیوں کا ایک جتھا اپنے رفقاء کی مدد کو پہنچا اور لوگوں کو کسی قدر منظم کرنے میں کامیاب ہوا۔ ریل گاڑی میں مسافروں کی نشستیں پہلے سے مختص تھیں چناں چہِاس سلسلے میں کوئی خاص دقت دیکھنے میں نہ آئی۔ میرا سفر شروع ہوا، کھڑکی سے باہر بے ڈھنگے مکانات، گندے پانی کے جوہڑ اور جا بجا گندگی کے انبار تھے جو پیچھے کی جانب نظروں سے اوجھل ہوتے رہے اور آگے اُنھی جیسے مناظر سامنے آتے رہے۔ ریل گاڑی سرحدسے کچھ دُور رُکی تو دو آدمیوں نے میرے پاس آ کر مجھ سے میرا پاسپورٹ طلب کیا۔ وہ مشتبہ قسم کے لوگ تھے، جو کسی قسم کی وردی یا اپنے کسی امتیازی نشان سے بے نیاز تھے۔ مَیں نے تصدیق کے لیے اُن سے اُن کی شناخت چاہی۔ اُنھوں نے مجھے غصّے، اور ایک دوسرے کو معنی خیز انداز میں دیکھا اور پھر اُن میں سے ایک نے مجھے کہا کہ مَیں نشست سے اُٹھ کر اُن کے ساتھ دروازے کے پاس آؤں تو وہ مجھے اپنی شناخت کرا دیں گے۔ اُن کا یہ کہنا، اُن کے چہروں مہروں اور روّیوں سے کہیں زیادہ مشتبہ تھا چناں چہ مَیں نے ایسا کرنے سے معذرت چاہی۔ وہ مجھے مسلسل گھور رہے تھے اور اُن کے چہروں پر درشتگی کہیں زیادہ تھی۔ مَیں نے اُن سے اُلجھنا مناسب نہ سمجھا اور اپنے پاسپورٹ کو اپنے ہاتھ میں پکڑے رہتے ہوئے بھارت کا ویزا دِکھا دیا۔ تب اُن میں سے بھی ایک نے اپنے گلے میں پڑے پلاسٹک کے ایک کور میں رکھے اپنے شناختی کارڈ کی ایک جھلک مجھے دکھائی۔ مَیں نے اُن سے کہا کہ اگر وہ شروع ہی سے ایسا کر دیتے تو کوئی مسئلہ پیش نہیں آنا تھا۔
ریل گاڑی متعدد بار رُکنے اور دونوں ممالک کی سرحدوں پر مسافروں کے پاسپورٹوں کی جانچ پڑتال کے بعد سہ پہر کے وقت اٹاری پہنچی۔ وہاں بد نظمی اور گندگی کہیں زیادہ تھی، یوں لگتا تھا جیسے اِس حِصّے کا پہیہ اور اس سے منسلک کل پرزے غبارِ وقت ہو کرنا قابلِ تعریف متحرک و ساکت اشیاء کا رُوپ دھار گئے ہوں۔ بالآخر ایک ہیجان سا پیدا ہوا، حرکات منضبط ہوئیں اور مجھے لیے ایک اور ریل گاڑی، جس نے رات ساڑھے آٹھ بجے دہلی کو روانہ ہونا تھا اِس سے کم و بیش چار گھنٹے بعد، حرکت میں آئی۔ دورانِ سفر میری ایک ہندوستانی سے بات چیت ہوئی جو سعودی عرب میں بہ سلسلۂ روز گار مقیم تھا اور اَب چھٹیوں میں اپنے وطن آیا تھا۔ وہ اِن دونوں ممالک میں اپنے ہم وطنوں کی مجموعی کار کردگی اور اِن کے عمومی روّیے پر بے حد معترض تھا اور اِن پر کھُل کر برس رہا تھا۔ اُس نے اِس ضمن میں اندرونِ اور بیرونِ ملک رہتے ہوئے پاکستانیوں کے بارے میں میری رائے پوچھی۔ مجھے اِس پر بھارتی خفیہ پولیس کے کسی کارندے کا شک ہوا، مگر سچ کو سامنے رکھتے ہوئے مَیں نے، اُسی کی طرح، اپنی بے اطمینانی ظاہر کی۔

۲۱؍ اپریل
دہلی میں میری آمد علی الصبح ہوئی۔ میرے پاس ایک چھوٹا سفری تنبو تھا اور سیاحوں کے لیے ایک معلوماتی کتاب سے مجھے معلوم ہوا تھا کہ دہلی کے مضافات میں دو جگہوں پر اِسے استعمال کرنے کی سہولت موجود ہے۔ کئی گھنٹوں کی سعی و تلاش کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ وہ دونوں جگہیں ایک طویل عرصے سے بند ہیں۔ مَیں متذکرہ بالا کتاب سے ہی مدد لیتا ہوا شہر کے ایک مرکزی علاقے، پہاڑ گنج، میں گیا اور ایک ہوٹل میں ایک کمرا حاصل کیا۔ چند گھنٹے سستانے کے بعد مَیں ایک اَدبی جریدے، ‘’ذہن جدید’‘ کے مدیر، زبیر رضوی صاحب، کو ملنے گیا۔ میرے پاس موصوف کا جو ٹیلی فون نمبر تھا اِس سے میری اُن تک رسائی نہ ہو سکی۔ مَیں نے سوچا ممکن ہے میرے پاس اُن کا جو پتا ہے وہ بھی غلط ہو؟ چناں چہ مَیں جامعہ ملیہ کو روانہ ہوا کہ وہاں کے شعبہ اُردُو سے راہنمائی چاہوں گا۔ اِس شعبہ کے سربراہ، شمس الحق عثمانی صاحب، مجھ سے بڑی محبت اور چاہت سے پیش آئے اور اُنھوں نے بذریعہ ٹیلی فون رضوی صاحب سے رابطہ کر کے اپنے ایک طالب علم کو مجھے وہاں پُہنچانے کے لیے میرے ساتھ روانہ کیا۔
رضوی صاحب سے میری ملاقات اُن کے گھر کی نشست گاہ میں ہوئی جو اُن کا دفتر بھی تھا۔ اِس سے مجھے دھچکا لگا۔ میرے لیے اِن دو جگہوں کا باہم مل جانا ایسا تعجب خیز نہ تھا بلکہ اِسے سراہا بھی جا سکتا ہے کہ اُنھوں نے اپنی ذاتی اور اَدبی زندگی کو آمیخت کر رکھا تھا اور اُن میں دُوری تو کیا فاصلہ ہی نہ چھوڑا تھا۔ جس دید سے مجھے افسوس ہوا کہ یہ جریدہ، جس نے اپنی پیشانی پر جلی حروف میں ‘’بڑی زبان کا زندہ رسالہ’‘ لکھ رکھا ہے، قریباً تین ضربِ چار مربع میٹر کا نشست گاہ نما دفتر یا دفتر نما نشست گاہ لیے ہوئے تھا۔ یہ بھی ایسی کوئی بات نہیں ہے، مگر وہاں گھریلو استعمال کا ایک دیوان اور گھر گھر ہستن کے روز مرہ استعمال میں آنے والی دیگر اشیاء ایک اَدبی جریدے کے عمومی ماحول سے لگا نہیں کھاتی تھیں۔ یہ درست ہے کہ وہاں دیواروں کے متعدد حِصوں پر شلفوں میں کتابیں چنی تھیں اور بے شمار جرائد میز اور فرش پر پڑے تھے، لیکن ایک تو جگہ کی تنگی اور پھر وہاں اہلِ خانہ کی ایک نا گُزیر آمدو رفت نے اُس کے اَدبی تقّدس کو پامال کر رکھا تھا۔ بے پناہ رش لیے ہوئے ایک گندے اور ٹیڑھے میڑھے بازار میں سے ہوتا ہوا مَیں ایک چھوٹی اور کوڑا کرکٹ والی گلی میں ایک آہنی دروازے کے سامنے پہنچا تھا، جو بادی النظر میں ایک گیراج تھا، اور اِس میں داخل ہونے کے بعد تنگ و تاریک سیڑھیوں کو دیکھ بھال کر عبور کرتا ہو ا مَیں تیسری منزل پر پہنچا تھا اور وہاں ایک چھوٹے دروازے کے دوسری طرف جہاں میرا آنا ہوا تھا وہ ایک بڑی زبان کے زندہ رسالے کے قطعاً شایانِ شان نہیں تھا۔ ہاں، یہ کسی حد تک گوارا تھا کیوں کہ اِس سے کئی گنا زیادہ قابلِ افسوس حالت کے حامل ایک اَدبی جریدے ‘’شاعر’‘ کا دفتر مَیں کئی برس پہلے ممبئی کی ایک کئی منزلہ اُونچی عمارت کی ایک کھولی میں دیکھ چکا تھا۔ رضوی صاحب کے خلوص اور اُن کی اَدبی و شائستہ گفتگو سے میرا تکدّر خاطر خواہ حد تک دُور ہوا۔ اُنھوں نے میری درخواست پر مجھے ‘’ذہن جدید’‘ کے بعض پُرانے شمارے اور اپنی طرف سے کچھ کُتب و جرائد مرحمت فرمائے اور مَیں نے بھی اُنھیں اپنی کُتب کا ایک سِٹ پیش کیا۔ واپسی پر مَیں شہر کی مٹرگشت پر نکل گیا۔ یہ لاہور سے بے حد مِلتا جُلتا تھا اور وہی آب و ہَوا، بے ترتیبی، ہر طرح کی آلودگی اور ہیجان خیز ٹریفک لیے ہوئے تھا۔

۲۲ ؍اپریل
مَیں نے رضوی صاحب کو ٹیلی فون کر کے ایک مرتبہ پھر اُن سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ اُنھوں نے شام کے وقت مجھے دہلی کے پریس کلب میں مدعو کیا۔
مَیں افسانہ نگار، جوگندر پال، کو ملنے گیا۔ رضوی صاحب کی طرح اُن کے لیے بھی مجھے میرے ایک دوست، آصف فرّخی، نے اپنی ایک کتاب دی ہوئی تھی۔ مَیں چاہتا تواسے پال صاحب کو یہاں سے بذریعہ ڈاک بھیج سکتا تھا، مگر مَیں نے سوچا کہ اِسی بہانے اُن سے ملاقات بھی ہو جائے گی۔ پال صاحب میرے ہوٹل سے کافی دُور رہتے تھے اور اُن تک بذریعہ بس اور پھر کچھ حِصہ پیدل پہنچنے میں میرے قریباً دو گھنٹے صَرف ہوئے۔ پال صاحب خاصے ضعیف ہو چکے ہوئے تھے، مگر وہ اس سے کہیں زیادہ توانائی اور چاہت سے پیش آئے۔ ہم کافی دیر تک دُنیا جہان کی باتیں کرتے رہے جو زیادہ تر اَدب کے بارے میں تھیں۔ اُن سے وداع ہوتے وقت اُنھوں نے مجھے بہت سی کُتب و جرائد دیے جن کے لیے مَیں اُن کا دِلی شُکر گزار تھا۔
مَیں دہلی کی جامع مسجد کو گیا، جہاں مَیں کئی برس پہلے بھی جا چکا تھا۔ مسجد اَب بھی اپنی سانسوں میں اپنے طور پر زندہ تھی، جب کہ وہاں آئے مرد و زن اور بچے بوڑھے اپنی عمروں سے کہیں آگے کی کہولت زدہ مُردنی لیے ہوئے تھے۔ مَیں نے مسجد کے قریب اُردُو کی ایک دُکان سے مولانا ابوا الکلام آزاد کی دو کُتب، ‘’غبارِ خاطر’‘ اور ‘’خطباتِ آزاد’‘ خریدیں۔ پال صاحب کی طرف سے مجھے دیے گئے ایک پرچے میں مولانا موصوف کی شراب نوشی کا ذکر تھا اور اِسی پیرائے میں یہ بھی درج تھا کہ صاحبِ طرز مُصنف، سیّد سلیمان ندوی، نے یہ کہہ کر اُن سے قطعِ تعلقی اختیار کر لی تھی کہ آپ شراب پیتے ہیں۔ مولانا آزاد نے ‘’ترجمان القران’‘ پر کام کرنا شروع کیا جو معنی و طرز نگارش میں اپنی مثال آپ ہے۔ اُنھوں نے اِس کی چند جلدیں تصنیف کیں اور پھر اِس سے ہاتھ کھینچ لیا۔ وہ اِس کے بعد کئی برس زندہ رہے، مگر اُنھوں نے ‘’ترجمان القران ‘‘کی طرف دوبارہ رجوع نہ کیا۔ اِس کی ایک وجہ اُن کا خُفیہ الحاد بھی ہو سکتا ہے؟ مولانا آزاد شراب نوشی کرتے تھے یا اپنی آخری عمر میں ملحد ہو گئے تھے اِس سے قطعِ نظر ایک بات حتمی و یقینی ہے کہ وہ اُردُو کے ایک انتہائی خاص اور حد درجہ قابلِ تعریف اَسلوب کے خاتم اُلمصنفین ہیں۔
پریس کلب کا ماحول لُطف و نشاط والا تھا۔ وہاں رضوی صاحب نے میرا تعارف شمیم فیضی صاحب سے کروایا جو ‘’نیشنل کونسل کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا’‘ (National council communist party of India) کے سکریٹری تھے۔ رضوی صاحب کو مَیں نے جو کُتب دی تھیں اُن میں ولندیزی اَدبِ عالیہ کے ایک ناول ‘’دی کلائن یوہنس’‘ (De kleine johannes) از فریدرک وِلم فان ایدن، کا میرا کیا ہوا اُردُو ترجمہ ‘’چھوٹا یوہنس’‘ بھی تھا اور مَیں نے اُن سے اِس کے ہندی ترجمے کے کیے جانے کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ رضوی صاحب نے مجھے کہا جیسا کہ مَیں نے اُنھیں ‘’چھوٹا یوہنس’‘ کے نفسِ مضمون کے بارے میں بتایا تھا، یہ کتاب غالباً فیضی صاحب کے لیے دلچسپی کا باعث ہو گی اور یہ اِسے ہندی میں چھاپنا پسند فرمائیں گے۔ پریس کلب کے خوشگوار ماحول میں، جہاں ہمارے اِرد گرد کے لوگ اور ہم بھی خوش گپیوں میں مصروف تھے، فیضی صاحب نے اِسے سنجیدگی سے لیا اور انھوں نے مجھے بتایا کہ وہ اس پر یقیناً غور کریں گے۔ بعد میں ہم دیر تک مختلف موضوعات پر گفتگو کرنے اور مے نوشی میں مصروف رہے۔
۲۳
؍ اپریل
آج میرا رضوی صاحب سے ‘’چھوٹا یوہنس’‘ کے ہندی ترجمے کے سلسلے میں ایک مرتبہ پھر ملنا ہوا۔ اُنھوں نے میرے بیٹھے بیٹھے فیضی صاحب کو ٹیلی فون کیا اور میری اُن سے اُسی دِن کی ملاقات طے کرا دی۔
نیشنل کونسل کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا کے دفتر میں داخل ہوتے ہی رُوسی لیڈر، ولادی میر لینن، کے ایک بہت بڑے مجسمے سے سامنا ہوتا ہے۔ مَیں اُس کے پاس سے ہوتا ہوا سیڑھیاں چڑھ کر فیضی صاحب کے کمرے میں آیا اور اُنھیں ‘’چھوٹا یوہنس’‘ کی ایک جلد پیش کی۔ اُنھوں نے مجھے کہا کہ وہ ملک گیر انتخابات کے سلسلے میں بہت مصروف ہیں، مگر وہ بہت جلد اِس کتاب کو پڑھنے کے بعد مجھے اپنی رائے سے آگاہ کریں گے۔
کسی زمانے میں مَیں ایک اَدبی جریدے، ‘’آج کل’‘ دہلی، میں لکھا کرتا تھا۔ مَیں اِس کے مدیر، خورشید اکرم صاحب، کو ملنے گیا۔ وہ بھی مجھ سے بہت محبت و اپنائیت سے پیش آئے اور اُنھوں نے مجھے ‘’آج کل’‘ کا تازہ اور گزشتہ کے کئی شمارے تحفتاً دیے۔ میں اُنھیں اپنی کُتب دینا چاہتا تھا جو اُس وقت میرے پاس نہیں تھیں۔ اِس کے لیے مَیں نے اُنھیں آج شام نو بجے اپنے ہوٹل میں آنے کے لیے کہا، یہ اُن کی مہربانی تھی کہ وہ ایسا کرنے پر تیار ہو گئے۔
دہلی میں مَیں پہلے بھی دو مرتبہ آ چکا تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ شہر اَب کہیں زیادہ گنجان آباد اور تیز رفتار ہو چکا ہے۔ پُرانی دہلی ریلوے اسٹیشن کے آس پاس کی جگہیں اور اِس کے قریب کا ایک علاقہ، پہاڑ گنج، جہاں میرا ہوٹل تھا، خاص طور پر لوگوں سے کھچا کھچ بھرا اور تعمیرات کا ایک گھنا جنگل لیے ہوئے تھا۔ میرے ہوٹل اور اِس کے گرد و نواح کی گلیوں میں ہر چند قدموں کے فاصلے پر ہوٹل، ریستورنت اور کھانے پینے کی دُکانیں تھیں۔ وہاں ٹریفک اور پیدل چلتے لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے افراتفری اور ہاؤ ہُو کا ایک مرکب اور الجھاؤ دار سماں تو پیدا کر ہی رکھا تھا، مگر بے کار یا کسی مقصد سے کھڑے بے شمار لوگ اور دیگر ساکت موجودات بھی اِس منظر نامے کو پُر شور اور ہیجان زدہ کیے ہوئے تھے۔ مَیں اِن اطراف میں کچھ دیر گھومتا پھرتا رہا اور پھر اپنے ہوٹل آ کر کُتب و جرائد کا مطالعہ کرتا رہا۔ اکرم صاحب مجھے مقررہ وقت سے کچھ دیر بعد ملنے آئے۔ اپنے تاخیر سے آنے کی وجہ اُنھوں نے با آسانی جگہ تلاش نہ کر سکنا بیان کی جو کہ در حقیقت ایک بے ہنگم، تہہ در تہہ اور باہم پیوست نظامِ زِندگی میں جانی اور انجانی رُکاوٹوں سے نبرد آزمائی تھی۔ وہ مجھ سے میری کُتب پا کر بے حد خوش ہوئے اور اُنھوں نے میرے ایک طویل عرصہ ‘’آج کل’‘ سے غائب رہنے کے بارے میں استفسار کیا۔ مَیں نے اُنھیں بتایا کہ مَیں اپنے آپ سے بھی غائب رہا ہوں جو دراصل خود کو کھوجنے کا ایک طریقہ تھا اور یوں مَیں اِس میں کتنا کامیاب ہوا یا نا کام اِس کے جواب سے بھی لا تعلق ہو چکا ہوں۔ ہم کچھ دیر بیٹھے ہندوستانی اور پاکستانی اَدب کے بارے میں بات کرتے رہے اور پھر وہ وہاں سے چلے گئے۔ آج رات کو میری، بذریعہ ریل گاڑی، کانپور کو روانگی طے تھی۔ مَیں نے اپنا اسباب سمیٹا اور عازمِ سفر ہوا۔
٭٭٭

خود داری کی نیند

حامد سراج (چشمہ بیراج)

یہ 2007ء ہے۔
ترتیبِ وقت میں یہ سال قیامت تک نہیں پلٹے گا۔
اب کے برس بھی ایک شخص کا کھانستے کھانستے برا حال ہو گیا۔ دونوں اطراف کی پسلیوں پر اس نے ہاتھوں کا دباؤ ڈالا اور ایک لمبا سانس کھینچا۔ کہولت تو اس کے جسم میں کئی برس سے مقیم ہے لیکن قوتِ ارادی کی لاٹھی ٹیکتا وہ زندگی گھسیٹ رہا ہے۔ اُسے یقین ہے ایک روز موت نے آنا ہے اور مجھے لے جانا ہے لیکن زمین پر وہ اپنی زندگی کا بوجھ کسی اور پر ڈالنے کے حق میں نہیں۔ سفید ریش، چہرے پر پھیلا جھریوں کا جال۔ ان جھریوں میں عمر بھر کی مفلوک الحالی کا ڈیرہ ہے۔ رُخساروں کی اُبھری ہوئی ہڈیاں غربت میں بسرہوتے شب و روز کی گواہ ہیں ؟ اوائل عمر میں اللہ نے اُسے ایک بیٹا عطا کیا تھا۔ ۔ ۔ گورا ِ ّچٹا۔ ۔ ۔ اس کی بیوی کا کہنا تھا۔
‘’یہ مجھ پر گیا ہے۔ ’‘
وہ مسکراکرچپ ہو رہتا کہ اس کا رنگ گندمی تھا۔
بیٹے کی پیدائش پر اس کے گھر رشتہ داروں اور دوستوں کی مبارک باد کا میلہ لگا رہا تھا۔ اس کا ایک قریبی عزیز جس کی اولاد خوش حال تھی کہنے لگا۔
‘’خوش قسمت ہو بھائی۔ اللہ نومولود کی عمر دراز کرے تمہارے بڑھاپے کا سہارا ہو گیا۔ ’‘
‘’بھائی۔ ۔ ۔ سب سے بڑا سہارا اللہ کاہے۔ اولاد پر بھروسہ عبث ہے۔ ’‘
‘’لیکن بھائی دُنیا اسباب کے سہارے چل رہی ہے۔ ’‘
‘’اس سے انکار نہیں لیکن میرا یقین ہے اللہ کے سوا سب سہارے عارضی اور نا پائیدار ہیں۔ ’‘
بیٹا جب سکول میں داخل ہوا میاں بیوی خوش تھے۔ پہلے روز وہ اُسے سکول چھوڑنے گیا تو اس کی بیوی نے بوسیدہ لکڑی کے ٹوٹے ہوئے دروازے کے ادھ کھلے کواڑ سے آواز دے کر پوچھا۔ ۔ ۔
‘’آج کام پر نہیں جاؤ گے۔ ’‘
‘’بیٹے کو سکول پہنچا آؤں پھر نکلتا ہوں۔ ’‘
‘’اس کا گھر عسرت کی منہ بولتی تصویر تھا لیکن کبھی کسی نے اُس کی زبان سے ایسا کلمہ نہ سنا جس سے ناشکری جھلکتی ہو۔ ۔ ۔ گھر کیا تھا۔ ۔ ۔ ؟ ایک کچا کمرہ، چھت جس کا ٹیڑھی میڑھی لکڑی کی کڑیوں اور گھاس پھونس سے بنا تھا۔ دیواروں پر اس کی بیوی ہرسال مٹی کا تازہ لیپ کر دیا کرتی تھی، چھوٹا ساکچا صحن، داہنی جانب ّمٹی کے چولہے، گرمیوں کے لیے ایک چھپر، صحن کے شمالی کونے میں لکڑیوں کا ڈھیر جو وہ اکثر جنگل سے چن لایا کرتا تھا۔ ۔ ۔ !’‘
اس کی بیوی کبھی حرفِ شکایت زبان پر لاتی تو وہ تسلی کا مرہم نکال لاتا۔
‘’اللہ کی بندی۔ ۔ ۔ ہم غریب امیروں سے پانچ سوسال پہلے جنت میں جائیں گے اور مولوی صاحب نے بتایا ہے قرآن میں صاف لکھا ہوا ہے کہ آخرت کا ایک دن پچاس ہزار سال کے برابر ہو گا۔ ’‘ اس کی بیوی سرپر دوپٹّہ جما کر ٹھنڈی سانس بھرتی اور نم آنکھوں کے ساتھ کاموں میں جت جاتی۔ وہ دونوں رات میں مونگ پھلی، ریوڑی، ٹافیاں اور بھنے ہوئے چنوں کے پیکٹ بناتے اور صبح دم وہ نمازِ فجر کے بعدمسجد میں ہی سورج طلوع ہونے کا منتظر رہتا۔ اشراق کے نوافل ادا کرنے کے بعد گھر میں اکثر باسی روٹی سے ناشتہ کرتا اور کام پر نکل جاتا۔ مطمئن رہنا اُس کے مزاج کا حصہ ہو گیا۔ کبھی کوئی سوال اُٹھاتا تو وہ دھیمے لہجے میں کہتا۔
‘’بھائی۔ ۔ ۔ اُس کریم ربّ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ دِن بھر میں اتنی بچت ہو جاتی ہے کہ روزانہ دال ساگ پکا لینا آسان ہو جاتا ہے۔ گھر میں لمبی بیماری کا روگ نہیں، مقروض ہم نہیں۔ ۔ ۔ اللہ سے اور کیا مانگیں۔ خوش قسمت ہیں ہم کوئی ایسا گھر ڈھونڈ دکھاؤ جہاں بیماری اور قرض کا عذاب نہ ہو۔ اللہ ہم سے راضی ہم اللہ سے راضی!’‘
‘’کتنا بڑا انعام ہے رب سوہنے کا جس نے ہمیں قرض اور مرض سے بچا رکھا ہے۔ چند ٹکوں کے لیے ناشکری کر کے ہم یہ نعمت کیوں گنوائیں۔ ۔ ۔ ’‘
زندگی اور وقت رواں رہتے ہیں۔ زندگی اپنا سفر مکمل کر کے پیوندِ خاک ہو جاتی ہے۔ وقت اپنی عمرِ رواں قیامت کے روز پوری کرے گا جب اس کے پیمانے بدلے جائیں گے۔ وقت جاری رہتا ہے ہم گزر جاتے ہیں۔ وقت کے پیمانے سے صدیاں، زمانے اور نسلیں گزر جاتے ہیں لیکن یہ پیمانہ نہیں چھلکتا۔
اس کچے گھر میں جس کے صحن کی شمالی سمت والے کونے میں جنگل سے چنی لکڑیوں کا ڈھیر تھا، کچے چولہے، چھپر اور ٹوٹا ہوا لکڑی کا کواڑ تھا۔ پوہ کی ایک یخ بستہ رات میں وقت نے بوسیدہ دروازے پر کچھ اس طور دستک دی کہ گھر اینٹ اینٹ لرز اُٹھا۔ صحن میں رکھی لکڑیوں کا ڈھیر تڑتڑ جلنے لگا۔ چھپر کے گھونسلوں میں سے پرندوں نے خوف کی لپیٹ میں آ کر اُڑان پکڑی، ہینڈ پمپ کا پانی گر گیا۔ رات کا کوئی پہر تھا۔ اس کے بیٹے نے پیٹ درد کی شکایت کی۔ ماں نے دارچینی، پودینہ اور چھوٹی الائچی کا قہوہ بنا کر دیا لیکن درد پورے گھر میں پھیل گیا۔ اس کچی بستی میں ایک ہی حکیم تھا۔ وہاں جانے کے لیے اُس نے اپنے ہمسائے کے دروازے پر دستک دی۔ اس نے آنکھیں ملتے ہوئے ریڑھی میں گدھا جوت کر اُسے ہانک لگائی۔ ریڑھی پر بستر میں بیٹے کو لپیٹا۔
وہ یخ بستہ رات میں گھر سے نکلے۔ حکیم گہری نیند سے بمشکل بیدار ہوا۔ اس نے درد کی جگہ ٹٹولی۔ ۔ ۔ ناف کے گرد گھومتا ہوا پیٹ کے داہنی جانب اُترتا درد۔ ۔ ۔ !
اسے اپینڈکس کہتے ہیں۔ صبح اسے فوری بڑے سرکاری ہسپتال لے جائیں۔
جانے رات انہوں نے درد میں کاٹی یا رات بھر درد نے انہیں کاٹا۔ ۔ ۔ !
صبح بڑے سرکاری ہسپتال کی لمبی راہداریوں میں ڈاکٹر کو تلاش کرتے ہوئے موت نامعلوم سمت سے اس ریڑھی پر آہستگی سے اُتری۔ ریڑھی کو خالی پاکر موت نے ہسپتال کے صدر دروازے سے اندر جھانکا۔ سیمنٹ کے بینچ پر ایک مفلوک الحال عورت بیٹھی تھی۔ دو شخص بوسیدہ کپڑوں میں سرگرداں ڈاکٹر کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے تھے۔ موت کس کی تلاش میں تھی؟
موت نے پورے ہسپتال کا چکر لگایا۔ کمرہ کمرہ گھومی پھر صدر دروازے پر آئی۔ سیمنٹ کے سرد بنچ پر لیٹے بچے کو دیکھا جس کا سرغم زدہ ماں کی گود میں تھا۔ ماں جس کی آنکھوں میں بے بسی کے آنسو انگارے بن چلے تھے۔ انگارے دہکتے رہے۔ موت نے قدم آگے بڑھایا اور چپکے سے غم زدہ ماں کی گود میں سررکھے اُس کے درد سے بلبلاتے بیٹے کو اُٹھایا اور نامعلوم سمت روانہ ہو گئی۔ ۔ ۔ ہسپتال، ریڑھی اور گھر میں ّسناٹوں نے بسیراکیا۔
وہی قافلے جو چند برس قبل مبارک باد دینے کو آئے تھے اب کی بار دُکھ بانٹنے آئے۔
‘’ایک جملہ جو ابھی زندہ تھا۔ ۔ ۔ بیٹے کے مر جانے کے بعد بھی!’‘
‘’اللہ نومولود کی عمر دراز کرے تمہارے بڑھاپے کا سہارا ہو گیا۔ ’‘
‘’بھائی سب سے بڑا سہارا اللہ کا ہے۔ ’‘
زندگی اور وقت رواں رہتے ہیں۔ زندگی اپنا سفر مکمل کر کے پیوندِ خاک ہو جاتی ہے لیکن جھریوں کا جنگل جس میں دُکھ بسیراکرتے ہیں ابھی سفر میں ہے۔ وہ خمیدہ کمرہوچکا ہے۔ زندگی توکیا اب اس کے لیے اپنے جسم کا بوجھ سہارنا مشکل ہے۔ کل تلک وہ مضبوط بازوؤں میں لوہے کے ایک دائرہ نما کڑے میں، ریوڑیوں، ٹافیوں، مونگ پھلی اور بھنے ہوئے چنوں کے پیکٹ اُٹھائے بسوں، ویگنوں کے اَڈوں سے ہوتا ہوا ریلوے اسٹیشن پر پہنچتا۔ آخری گاڑی کا انتظار بھی اسے گراں نہیں گزرتا تھا لیکن اب اشراق کے نوافل پڑھنے کے بعد وہ بہت دیر صحن میں دھُوپ سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ اُس کے کندھے پر لوہے کا ایک گول کڑا باقی رہ گیا ہے جس میں سامانِ رِزق پرو کر وہ قریبی پرائمری اسکول میں دِن گزارتا ہے۔ دوپہر سے پہلے کبھی سہ پہر ڈھلے وہ گول کڑا کندھے پر لٹکائے رکوع کی حالت میں بدن گھسٹتا واپس لوٹتا ہے۔ وہ بہت زیادہ بوڑھا ہو گیا ہے۔ بینائی اس کی جواب دینے لگی ہے۔ ۔ ۔
یہ کس روز کی بات ہے؟
آج کی، گزرے کل کی، چند برس قبل کی یا صدیاں گزر چلی ہیں۔ نہیں معلوم۔ ۔ ۔ !
میں نے کہا ہے نا۔ ۔ ۔ یہ2007ء ہے۔
ترتیبِ وقت میں یہ برس قیامت تک نہیں پلٹے گا۔
میں ایک نامعلوم دِن کی ڈھلتی دھُوپ میں گھر سے نکلا۔ وہ مجھے نظر آیااُس کے کاندھے پر جھولتے گول لوہے کے کڑے میں مونگ پھلی کے دو اور ریوڑیوں کا ایک پیکٹ تھا۔
میں نے کہا ’‘بابا یہ مجھے دے دو۔ ۔ ۔ ’‘ یہ کہہ کر میں نے اسے دس روپے کا نوٹ پکڑایا۔
تین پیکٹ مجھے پکڑانے کے بعد وہ اپنی داہنی بغلی جیب سے ریزگاری نکالنے لگا۔
‘’بابا۔ ۔ ۔ رہنے دو۔ ۔ ۔ کوئی بات نہیں۔ ’‘
‘’نہیں بیٹا۔ ۔ ۔ بالکل نہیں مَیں خیرات نہیں لیتا اس نے دو دو روپے کے دوسِکّے میری ہتھیلی پر رکھ دیے۔ ۔ ’‘
میری ہتھیلیاں آج بھی جل رہی ہیں۔ جیسے پوری دھرتی جل رہی ہو۔
ہتھیلیاں جلنے کے باوجود میری خود داری صدیوں کی نیند سے نہیں نکلی۔
٭٭

میری تاریخ میرے جغرافیہ کی وجہ سے تھی، جغرافیہ ہی نہ رہا تو تاریخ کے کیا معنی، ایک مردہ روایت۔
دہلی سے لاہور پینتالیس منٹ کا سفر تھا جو جہاز میں چائے کے آتے اور پیتے گزر گیا۔
لاہور کے ہوائی اڈہ پر اترتے ہوئے اس کا ذہن قندھار، لاہور اور دہلی کے درمیان سفر کرنے لگا، درویش کہاں بسیرا ہوا۔ کہاں کہاں کی خاک چھان کر دلی پہنچا۔ ۔ ۔ اے خاک بکھر کر بھی تو، تو خاک ہی رہتی ہے اور ختم نہیں ہوتی۔ بس اڑتی رہتی ہے۔ خاک قندھار سے اڑی، لاہور کو چھوتی دلی پہنچی، یہ جغرافیہ کا سفر تھا، اور تاریخ تو میں خود ہوں۔ ہوائی اڈہ کی ضروریات سے فارغ ہو کر وہ جب لاؤنج سے گزر رہا تھا تو نظر ٹی وی پر پڑی، سلائیڈ چل رہی تھی۔ ۔ ۔ قندھار پر امریکی طیاروں کی شدید بمباری۔ ۔ ۔ اس نے گھبرا کر دونوں ہاتھ آنکھوں پر رکھ لئے بیگ نیچے جا پڑا۔ ۔ قندھار، لاہور، دلی سب ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
اور وہ تن تنہا اپنے ہی ملبہ پر کھڑا اپنا جغرافیہ ڈھونڈ رہا ہے۔
(رشید امجد کے افسانہ پژ مردہ کا تبسم کی اختتامی سطریں )
٭٭٭

مداوا

خالد فتح محمد (گوجرانوالہ)

وہ رخسار اُس کی ہتھیلی پر اور اپنی ہتھیلی اُس کی گردن پر رکھ کے آنکھیں بند کر لیتا۔ کچھ دیر کے بعد اُس کا دماغ ہتھیلی اور گردن کی حدت میں سے نیند کشید کرنا شروع کر دیتا اور اُس کی آنکھیں بند ہونا شروع ہو جاتیں اور ٹانگیں اکٹھا ہونے لگتیں۔ اُس کے گھٹنے جب پیٹ تک پہنچتے تو وہ سو چکا ہوتا۔ پچھلے بیس برسوں سے وہ ہر رات نیند کو اِسی طرح گلے لگاتا آیا تھا لیکن آج ایسے نہیں ہو پا رہا تھا۔ یہ اُس کی شادی کی پہلی رات تھی اور وہ پہلی مرتبہ اپنی ماں سے الگ ہو کر سونے کی کوشش میں تھا۔ اُس کی بیوی عروسی لباس اُتار کر سو چکی تھی۔ اُس کے چہرے پر سکون متبسم تھا اور ہلکے ہلکے خراٹے اِس سکون کی توسیع تھے۔ شروع شروع میں اُسے لگا کہ خراٹے لوری بن کر اُسے سلا دیں گے اور وہ ماں کی ہتھیلی اور گردن کے لمس کو بھول جائے گا۔ رات کے سناٹے میں یہی خراٹے اُس کے سر پر ہتھوڑوں کی طرح ضربیں لگا رہے تھے اور ہر ضرب کے ساتھ اُسے یوں لگتا کہ آنکھیں اپنے خانوں سے باہر آ جائیں گی۔ اِس عذابی کیفیت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے وہ بستر سے اُٹھا اور کمرے سے باہر نکل گیا۔ وہ اپنے آپ سے بھی جھجھکتے ہوئے ماں کے ساتھ لیٹ گیا۔ ماں نے پہلے پیار سے اُسے پرے دھکیلا اور پھر اُس کے رُخسار کے نیچے ہتھیلی رکھ کراُس کی ہتھیلی اپنی گردن پر رکھ دی۔ فوراً ہی اُس کی ٹانگیں اکٹھا ہونے لگیں اور گھٹنے ابھی پیٹ تک بھی نہیں پہنچ پائے تھے کہ وہ سوگیا۔
اُس کا دن اَدھیڑ بن میں گزرا۔ اُسے ماں کے ساتھ سونے کی عادت ہو گئی تھی۔ وہ خائف سا ہو گیا کہ یہ عادت اُسے بیوی کی نظروں میں متنازع بنا دے گی۔ وہ پُر سکون ازدواجی زندگی کا خواہاں تھا اور پہلی ہی رات بیوی کے لمس میں سے نیند کشید نہ کر سکا!ابھی اُس کی اپنی بیوی کے ساتھ باہمی سوجھ بوجھ نہیں تھی کہ وہ اُسے اپنی اُلجھن میں ساجھے دار بنا سکتا چنانچہ اُس نے طے کیا کہ چاہے وہ رات بھر نہ سو سکے، اُسے اپنے کمرے میں ہی رہنا ہے۔
رات آئی تو اُس کی بیوی اپنے وقت پر سو گئی۔ جب وہ ہلکے ہلکے خراٹے لینے لگی تو بیوی کی ہتھیلی پر رخسار اور گردن پر ہتھیلی رکھ کر وہ اُس کے لمس کی حدت سے نیند کشید کرنے کی کوشش کرنے لگا۔ نیند ماں کے قبضے میں تھی اور بیوی کے ہلکے ہلکے خراٹے اگلی رات کی طرح اُسے ماں کی طرف دھکیل رہے تھے۔ صبح کا کیا ہوا عہد ٹوٹنے لگا اور ماں کے لمس کی حدت میں گُندھی ہوئی نیند اُسے بُلانے لگی۔ وہ رسی سے بندھا پالتو جانور تھا جسے اُس کا مالک وہاں سے کھینچ کر لے گیا۔
صبح اُسے دفتر جانا تھا۔ وہ اُلجھن میں گرفتار دفتر پہنچا تو رفقا اُس کے چہرے کے تاثرات دیکھ کر اپنے اپنے انداز سے اُسے مشورہ دینے لگے۔ وہ ایک مُضحک سی حالت میں پھنس گیا۔ اُس کامسئلہ اُن کے بس کی بات نہیں تھا۔ اُس نے فیصلہ کیا کہ وہ اب کمزور نہیں پڑے گا۔ وہ جانتا تھا کہ صبح پھانسی چڑھنے والوں کو بھی رات کو نیند آ جاتی ہے۔ وہ کتنی دیر جاگ سکے گا؟ وہ رات اپنے کمرے میں ہی گزارے گا!
اُس کی بیوی سو چُکی تھی۔ دو راتوں کی طرح اُس کے ہلکے ہلکے خراٹے رات کی خاموشی پر ایک بوجھ بن گئے تھے۔ وہ اپنے عہد پر قائم کروٹیں بدلے جا رہا تھا۔ کئی مرتبہ اُس نے ماں کے پاس جانے کا سوچا لیکن یہ بیوی کو نظر انداز کرنا تھا۔ وہ جانتا تھا کہ نیند اُس سے صرف چند گھنٹے دور ہے اور اُسے ماں کے پاس جانے کی خواہش کو پنپنے نہیں دینا۔ دروازے پر ہلکی سی دستک نے اُسے چونکا دیا۔ گھر میں کسی ناموافق حالت کو ذہن میں رکھ کر اُس نے جلدی سے دروازہ کھولا۔ ماں سامنے کھڑی تھی اور اُس کی مسکراہٹ میں خجالت تھی۔
‘’ظفر بیٹا!مجھے نیند نہیں آ رہی۔ صرف دس منٹ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !’‘ وہ اپنے کمرے کی طرف چلی گئی۔ اگلے دس منٹ میں ظفر کی ٹانگیں اکٹھے ہو کر پیٹ تک پہنچ گئیں۔
صبح تیار ہو کر اُس نے بیوی کو بیٹھنے کا اشارہ کیا۔
‘’دیکھو شہلا!’‘ اُس نے بات شروع کی، ’‘میری بات غور سے سُنو۔ ’‘
شہلا متوقع سی، کچھ اہم بن کر اُس کی طرف دیکھنے لگی۔
‘’ میں پچھلی تین راتیں یہاں نہیں سویا ہوں۔ ’‘ اُس نے پلنگ کی طرف اشارہ کیا۔ شہلا نے بھی اُس طرف دیکھا۔
‘’ میں گہری نیند سوتی ہوں۔ رات مجھے شک سا ہوا۔ میں سمجھی گھر والے کوئی اہم سی بات کر رہے ہیں۔ ’‘ شہلا نے اپنی دانائی سے اسے مرعوب کرنا چاہا۔
‘’نہیں ! میں ماں کے کمرے میں سویا تھا۔ میں پچھلے بیس برس سے اُن کے ساتھ سوتا آیا ہوں۔ مجھے وہم سا ہو گیا تھا کہ میں اُن کے بغیر سو نہیں سکتا۔ رات وہ مجھے لینے آئی تھیں۔ کھلا کہ وہ میرے ساتھ سونے کی عادی ہو گئیں ہیں۔ ’‘
شہلا کا چہرہ فق ہو گیا۔ اُسے لگا کہ اُس کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔ وہ خاوند کے مکمل قُرب کے لیے بیاہی گئی تھی لیکن بے فکری کی پُر سکون نیند میں اُس کی ساس سیندھ لگا رہی تھی۔ اُس کے چہرے پر رنگ واپس آ گیا۔ اُسے لگا کہ شاید یہ ایک مذاق تھا، اُس نے ہنسنا چاہا لیکن ہنسنے سے پہلے پھیپھڑے ہوا کو خارج نہ کر سکے۔ اُسے دم گھٹتا محسوس ہوا۔ وہ باہر چلی گئی اور ظفر دفتر کو۔
اگلے پندرہ برس ظفر اپنی ماں کے کمرے میں سویا۔ شہلا ہلکے ہلکے خراٹے لے کر سونے کا بہانہ کرتی اور ظفر کمرے سے چلا جاتا۔ اِن پندرہ سالوں میں ظفر کے دو بیٹے پیدا ہوئے۔ دونوں بھائیوں میں پانچ برس کا فرق تھا۔ ظفر نے اُن کے لیے الگ کمرہ مخصوص کر دیا۔ وہ ہر رات بیوی کے پاس سے اُٹھ کر بیٹوں کے کمرے میں جاتا۔ جب وہ اندر جھانکتا تو دونوں گہری نیندسوئے ہوتے۔ وہ مطمئن ہو جاتا اوراُس کے دِل میں شہلا کی عزت بڑھ جاتی کہ زمانے کے چلن کے بر خلاف وہ بچوں کو جلدی سُلاکر جلد جگا رہی ہے۔ اِسی لیے بیٹے ہمیشہ ہوشیار اور چاک و چوبند لگتے تھے۔
وہ شہلا کے ہر عمل میں کراہت اور چڑچڑا پن محسوس کر سکتا تھا۔ شہلا نے یہ احساسات ایک میکانکی سی مُسکراہٹ کے تلے دبائے ہوئے تھے۔ وہ ہر قسم کی پیش قدمی سے گریزاں تھی۔ ظفر کو اُس کے میکانکی رویے کو ختم کرنا اپنی ماں کا ساتھ چھوڑنے کے مُترادف لگتا۔ ماں کے پلپلے ہاتھ اور جھریوں بھری گر دن میں نیند کا ایک خزانہ تھا اور اِس خزانے میں اُس کی محبت چھُپی تھی۔ بیوی شاید ایک جسم تھی جس میں سے اُٹھتی مخصوص مہک ایسی رکاوٹ کے پار لے جاتی جہاں دھند میں نیند کو ڈھونڈا جا سکتا ہے۔ اُسے اُس دھند میں نیند نہیں مِلی تھی۔
اُسے شہلا پر ترس آتا !
شہلا ہر عورت کی طرح اُس کے خدشات اور محسوسات کو جانتی تھی۔ اُسے ظفر اپنے بیٹوں کا ہم عمر لگتا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کچا، ناسمجھ، معصوم اور ناہموار!اُسے اپنی ساس سے کوئی شکایت نہیں تھی، وہ جانتی تھی کہ اُس نے اپنے بیٹے کو پالا تھا۔ وہ محسوس کرتی کہ ماں کا بچے کو ساتھ سُلاناایک جبلت ہی تو تھا،وہ بھی اپنے بیٹوں کو ساتھ سلانایا اُن کے ساتھ سونا چاہتی تھی۔ وہ سمجھتی تھی کہ ہر ماں مرتے دم تک اپنے ہر بچے کے ساتھ کسی نہ کسی طرح مبتلا رہتی ہے اور شادی شدہ یا عمر رسیدہ اولاد بھی ماں کے دست رس سے باہر نہیں ہوتی۔ اُس کے نزدیک بیوی اُس درخت کی طرح تھی جو سائے کے اندر رہتے ہوئے اپنا رُخ دھوپ کی طرف رکھتا ہے۔ شہلا کو ظفر سے گلہ نہیں تھالیکن وہ اُس پڑوسن کی طرح تھی جو ہر وقت شکایتوں کا دفتر لیے پھرتی ہو۔ ظفر نے اپنی ماں کی نیند پوری کرنے کے لیے اُس کی نیند ادھوری کر دی تھی، نتیجۃً خواب بھی ادھورے رہ گئے تھے۔ آہستہ آہستہ نیند کم ہوتی گئی اور خواب ایک ہی شکل میں سُکڑ گئے۔ وہ شکل ایسی تھی جسے وہ یاد نہ کر پاتی۔ اُس کے لیے اِن خوابوں کو یاد رکھنا ضروری بھی نہیں تھا کیوں کہ خواب غیر اہم ہو کر رہ گئے تھے اور وہ زندگی کے ٹھوس حقائق سے نبرد آزما تھی۔ اُس کا خاونداُس کے سونے کے وقت اپنی ماں کو سلانے چلا جاتا۔ اُسے لگتا کہ وہ اُس کنوئیں کی طرح تھی جس کے پانی کو پانی ماننے سے انکار کیا جائے!وہ صرف بیوی نہیں تھی، ایک ماں بھی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !
پندرہ برس بعد ماں کا انتقال ہو گیا۔ اُس دن شہلا کو اپنی الجھن یاد نہ تھی اور وہ گھر کے انتظام و انصرام میں غرق رہی۔ اُسے ظفر سے ہم دردی تھی اور اُس نے پتا چلنے دیے بغیر ظفر کی تمام الجھنوں میں شرکت کر لی۔ ظفر کے بدن کی زبان میں ایک محرومی تھی، اُس نے بڑے بیٹے کو حکم دیا کہ وہ اپنے باپ کے ساتھ ساتھ رہے۔ اِس سے ایک حد تک ظفر کا اکیلا پن جاتا رہا۔ اُسے پہلی مرتبہ احساس ہوا کہ اُس کا بیٹا اب بچہ نہیں رہا اور وہ اُس کے ساتھ قدم ملا چکا ہے۔ اُسے جب موقع ملتا، وہ اُسے اپنے خاندان کی باتیں بتاتا۔ وہ جانتا تھا کہ یہ باتیں اُس کے بیٹے کے اندر ایک داستان کی طرح چلتی رہیں گی اور وہ اِنھیں اپنے بیٹے کو مختلف انداز میں بتائے گا۔ اُسے کچھ اطمینان ساہوا اور ماں کی موت کے المیے میں سے ایک روایت وجود پاتی محسوس ہوئی۔ تین یا چار نسلوں بعد شاید یہ داستانیں ایک مکمل اور مستقل شکل اختیار کر جائیں۔ لطف کی بات کہ اِن داستانوں کا وہ خالق ہو گا اور اُن کے زندہ رہنے تک اُس کا نام زندہ رہے گا یا اُس کے نام کی وجہ سے یہ داستانیں بھی زندہ رہیں گی۔ ماں کے مرتے ہی کیا وہ امر ہو گیا ہے!
اُس رات اُس نے اپنے آپ کو راستہ گم کیے مسافر کی طرح محسوس کیا۔ وہ ماں کو ڈھونڈ رہا تھا۔ ماں کا کمرہ خالی تھا۔ وہ ماں کے پلنگ پر لیٹ کر اُس کے جسم کے لمس کو محسوس کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ وہ ایک دم کمرے سے باہر آ گیا اور بے بسی کی حالت میں اپنے کمرے کی طرف چل پڑا۔ اُسے بیٹوں کے کمرے کے سامنے سے گزرنا تھا۔ وہ اُن کے کمرے کے سامنے خالی الذہن کھڑا ہو گیا پھر اُسے خیال آیا:ممکن ہے کہ اُس کا بڑا بیٹا اپنی برتری ثابت کرنے کے لیے چھوٹے بھائی کو کسی خاندانی بات کو داستان کا رنگ دے رہا ہو۔ اُسے لگا کہ وہ امر ہونا شروع ہو گیا ہے۔ بیٹوں کے لیے اُس کا دِل پیار سے بھر گیا۔ وہ دروازہ کھول کر اندر داخل ہوا۔ بیٹے ایک دوسرے کی طرف منہ کر کے سوئے ہوئے تھے۔ اُسے لگا کہ وہ سو نہیں رہے، وہ سمجھ گیا کہ ابھی اُن کی بات جاری تھی۔
شہلا کے کمرے کا دروازہ بند تھا۔ وہ اندر جانے لگا تو اُسے محسوس ہوا کہ ماں دس منٹ کی درخواست کر رہی ہے۔ یہ ماں کے کمرے میں جانے کا حکم تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ اِسے کیسے ٹالتا۔ اُس نے ایک نظر بیوی کو دیکھنا چاہا۔ صبح سے اُن کی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ اُسے معلوم تھا کہ وہ بیوی کے طنز کے سامنے نہتا ہے۔ اُس نے اچانک اپنے آپ کو اکیلے محسوس کیا اور اُسے لگا کہ وہ بیوی سے خائف ہے۔ وہ شہلا کی پندرہ برس کی راتوں کی نیند کا جواب دہ تھا۔ اُس نے اگر حساب مانگا تو وہ کیا جواب دے گا؟اُس نے جھجکتے ہوئے دروازہ کھولا۔ کمرہ نیم روشن تھا اور شہلا سنگار میز کے سامنے بیٹھی دلہن بننے میں مصروف تھی!
٭٭

مجھے یاد آ رہا ہے آخری ملاقات میں مَیں نے کہا تھا ‘’ ٹھگنی !نئے گھر میں جالے ہوئے تو؟ ‘‘ وہ میری بات سُن کر دیر تک چُپ رہی تھی۔
فضیلہ نے بتایا رخصتی کے وقت وہ روئی نہیں، ہنستی ہوئی کار میں بیٹھ گئی اور صرف اتنا کہا ‘’ لمبے !اب میں یہ شہر چھوڑ جاؤں گی ! ‘‘اُس نے نیلی ساڑھی پہن رکھی تھی۔
(علی محسن کے افسانہ نارسائی کی آخری سطریں )
٭٭٭

ایک خط

(نوٹ: یہ خط عکاس کی کتاب نمبر سات کے حوالے سے لکھا گیا تھا۔ اس کے بعد شمارہ نمبر ۸، محرم الحرام نمبر تھا اور شمارہ نمبر ۹ ڈاکٹر گوپی چند نارنگ نمبر۔ اب عام اشاعت لائی جا رہی ہے تو اس خط کے بعض مندرجات کی اہمیت کے پیش نظر اسے اس شمارہ میں شائع کیا جا رہا ہے۔ ارشد خالد)
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
محترمی و مکرمی ارشد خالد صاحب
السلام علیکم !
عکاس کا شمارہ نمبر۷ کچھ عرصہ قبل موصول ہوا تھا۔ مگر اس کے بارے میں اپنے تاثرات فوری طور پر آپ کو نہ بھجوا سکا اس کے لئے معذرت خواہ ہوں۔ موجودہ حالات میں ادبی پرچہ شائع کرنا اور پھر اس سلسلے کو قائم رکھنا کوئی آسان کام نہیں رہا۔ اردو زبان اور ادب مجموعی اعتبار سے جس قسم کی حوصلہ شکن صورت حال سے دوچار ہیں، نیز برِّصغیر پاک و ہند کی نوجوان نسل اردو زبان اور ادب سے جس تیزی سے بیگانہ ہو رہی ہے۔ ان حا لات میں ادبی پرچے کا اجراء اور پھر اسے جاری رکھنا اور بھی دشوار ہو گیا ہے۔ دوسری طرف اردو ادب میں دلچسپی لینے والوں یعنی قارئینِ ادب کا حلقہ سمٹتاجا رہا ہے۔ قرائن سے یہی اندازہ ہوتا ہے کہ اردو ادب کا مطالعہ کرنا فقط ‘’ ادیب برادری’‘ تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔، حالات اگر اس نہج پر رہے تو خطرہ ہے کہ اردو رسم الخط کا مستقبل بھی مخدوش ہو کر رہ جائے گا۔ اردو زبان کی بقا کے لئے حکومتی سطح پر بھی کوششیں ہونی چاہئے۔ مگر صد افسوس کہ اردو ادب کے فروغ کے نام پر چند ‘’ سفید ہاتھی’‘ قسم کے ادارے لاکھوں روپے خرچ تو کر رہے ہیں مگر اردو ادب کی ترویج و اشاعت کے ضمن میں کوئی ٹھوس عملی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آ رہی ہے۔
عکاس میں نوجوان قلم کاروں کو متعارف کرانے کے لئے ان پر ‘’گوشہ’‘ شائع کرنے کا سلسلہ اچھا لگا۔ اس سے ان کی حوصلہ افزائی بھی ہو گی اور اہل ادب کو نو جوان قلم کاروں کی تخلیقات پڑھنے کا موقع بھی میسر آئے گا۔ تاہم گوشہ شائع کرنے کے سلسلے میں یہ شرط ضروری ہونی چاہئے کہ’‘ صاحب گوشہ’‘ واقعی اس کا مستحق ہو۔ بصورت دیگر ‘’ گوشہ’‘ کی اشاعت صرف ‘’[ پبلسٹی کارنر، ] ہی کہلائے گی۔
یادیں کے عنوان سے حیدر قریشی کی ‘’ادبی کائنات میں رنگ’‘ نہایت دلچسپ تحریر ہے۔ انھوں نے بغیر کسی لگی لپٹی کے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا یہ انداز بہت بھلا لگا۔
والسلام خیر اندیش سلیم آغا قزلباش 09 02 09

ماہیے

ندا فاضلی (ممبئی)

پاگل نہ مراقی ہے مردہ ہے نہ زندہ یہ بچہ عراقی ہے ٭٭٭

ڈالی پہ پرندہ ہے آنکھ میں بھر لیجیے منظر ابھی زندہ ہے ٭٭٭

بے نام سا مرقد ہے مٹی ہوئی مٹی اب جنگ نہ سرحد ہے ٭٭٭

اللہ کہاں ہے تو پھر بھی جہاں تو ہے کیا سچ ہے، وہاں ہے تو ٭٭٭

سپر بنسی کا لہرایا رادھا کی گاگر میں پھر چاند اتر آیا ٭٭٭

تندور میں روٹی ہے بھوک اَدھرمی ہے داڑھی ہے نہ چوٹی ہے ٭٭٭

امین خیال (لاہور)

کیا خوب ہے پھلواری شوخ سے رنگوں میں ہے کس کی چتر کاری ٭٭٭

جوڑے میں پھول لگا اس کے مقابل میں سب گلشن دھول لگا ٭٭٭

سہروں پہ سہرا ہے پھول نہیں یہ تو اُس یار کا چہرا ہے ٭٭٭

دیتا ہے صدا کیسے پھول ان تتلیوں کو لیتا ہے بلا کیسے ٭٭٭

یہ کیسی کرامت ہے ہنس دے پھول جھڑیں باتوں میں حلاوت ہے ٭٭٭

ہیں آم، بھرے رس کے جیون کاٹ دیا کچھ رو کے، کچھ ہنس کے ٭٭٭

پُر کیف فضائیں ہیں پھولوں، کلیوں میں دلبر کی ادائیں ہیں ٭٭٭

کوئی چاند کا ٹکڑا ہے پھول گلاب نہیں، اس یار کا مکھڑا ہے ٭٭٭

جور اور جفاؤں میں پھول نہیں کھلتے بے رحم خزاؤں میں ٭٭٭

جب جب بھی پھول کھلیں کہہ دے کوئی ان سے ایسے میں آن ملیں ٭٭٭

ہوئی گل افشانی ہے لفظ مہکتے ہیں معنوں میں روانی ہے ٭٭٭

ان پیار کے جھانسوں میں مہک ہے چمبے کی گوری کی سانسوں میں ٭٭٭

ناصر نظامی (ہالینڈ)

ہر صدمہ جھیلیں گے خوشیاں دے کے ہم غم تیرے لے لیں گے ٭٭٭

دل میرا روتا ہے میری یادوں میں وہ بھی کہاں سوتا ہے ٭٭٭

کس رنگ میں رہتے ہو میری سنتے ہو نہ ا پنی کہتے ہو ٭٭٭

وہ بھولا نہ کہلائے شام کو بھولا ہوا گر واپس آ جائے ٭٭٭

کب ایسے جانے ہیں خون کیا دل کا تب جا کے مانے ہیں ٭٭٭

لوہا منوانا ہے ایڑی چوٹی کا ہمیں زور لگانا ہے ٭٭٭

دکھ ہم نے جھیلا ہے خوشیوں سے لیکن کوئی دوسرا کھیلا ہے ٭٭٭

ہم گر گئے نظروں سے عظمتِ آدم کی اخلاقی قدروں سے ٭٭٭

احسان جتائے گا زخم مرے دل پر رُک رُک کے لگائے گا ٭٭٭

احساس کی بات ہے یہ دور کے رشتے کی نہ پاس کی بات ہے یہ ٭٭٭

دل چیرے ہمالوں کا سلسلہ رُکتا نہیN سوچوں کا، خیالوں کا ٭٭٭

اپنی بھی سناؤ کچھ بات تعارف سے کچھ آگے بڑھاؤ تم ٭٭٭

کلیم شہزاد (بوریوالہ)

دنیا کی بہاروں میں
چاند تجھے ڈھونڈے
ہر رات ستاروں میں
دنیا کی بہاروں میں
٭٭٭

دل کشتی کناروں میں
ڈوبتی جائے ہے
غمزوں میں، اشاروں میں
دل کشتی کناروں میں
٭٭٭

آنسو کب ٹانکے تھے
رات نے پلکوں سے
کچھ موتی مانگے تھے
آنسو کب ٹانکے تھے
٭٭٭

بادل تھا بڑا پگلا
آنکھ سے بہہ نکلا
کاجل تھا بڑا پگلا
بادل تھا بڑا پگلا
٭٭٭

آنسو بھی ڈرے دیکھے
نازک پلکوں پر
پتھر سے دھرے دیکھے
آنسو بھی ڈرے دیکھے
٭٭٭

جیون سے پیارے تھے
رانجھن لمحے جو
بیلے میں گزارے تھے
جیون سے پیارے تھے
٭٭٭

مبشر سعید (فرانس)

قسمت ہی کھوٹی ہے دیس مرے میں اب آٹا ہے نہ روٹی ہے ٭٭٭

خاموش سا رستہ ہے میرے رونے پر ہر روز جو ہنستا ہے ٭٭٭

سانسوں میں جڑی لڑکی جان سے پیاری ہے وہ مُجھ سے بڑی لڑکی ٭٭٭

مُجھ جان کا بھی سوچو آ جو نہیں سکتے اِی میل ہی لکھ بھیجو ٭٭٭

نَے گیت نہ شہنائی یاد تُجھے کر کے یہ آنکھ ہے بھر آئی ٭٭٭

سورج کچھ مدھم ہے چھتری رکھ لینا بارش کا موسم ہے ٭٭٭

دل میر ا دھڑکا تھا رات ترا آنچل سینے سے جو ڈھلکا تھا ٭٭٭

ہم جینا جیتے تھے پاس ترے بیٹھے سپنوں کو سیتے تھے ٭٭٭

بارش جو برستی ہے یار سے ملنے کو یہ جان ترستی ہے ٭٭٭

آسودہ جنگل ہے پیار میں یار ترے یہ شہر بھی پاگل ہے ٭٭٭

یہ بات تو ماڑی ہے گاؤں کی مَیں نے اِک لڑکی جو تاڑی ہے ٭٭٭

وہ دُور پہاڑی ہے چڑھ جو نہیں سکتا وہ شخص اناڑی ہے ٭٭٭

سانسوں میں ہے ویرانہ
آنکھ یہ روتی ہے
اے دوست ! تُو آ جا ناں
٭٭٭

جیم فے غوری

یادوں میں صدا دینا ڈولتی کشتی کو اب پار لگا دینا ٭٭٭

ہر زخم کو بھر دے گا ماہی جب لَوٹا مجھے زندہ کر دے گا ٭٭٭

پھولوں کو کھلنا ہے روکے گی دنیا پر ہم کو ملنا ہے ٭٭٭

باغوں میں بہار آئی آ جا پردیسی میں سب کچھ ہار آئی ٭٭٭

ہم لوگ ہیں دیوانے اپنی دنیا کو تم جانو، خدا جانے ٭٭٭

ہم لوٹ کے آئیں گے سوکھی شاخوں میں نئے پھول کھلائیں گے ٭٭٭

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

’عکاس‘ کتابی سلسلہ، اسلام آباد، شمارہ ۱۵، مدیر ارشد خالد