افسانے، ناول و کہانیاں

مضراب، افسانہ نمبر

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (110,819 الفاظ)

مضراب

افسانہ نمبر

مدیرہ: زرقا مفتی، زاہدہ رئیس راجی

اداریہ

قارئینِ کرام
السلام علیکم
مضراب کے بیشتر شمارے محترم سرور عالم راز صاحب کی محنت اور لگن کے آئینہ دار ہیں۔ مضراب کے دیگر مدیران کی مانند مجھے بھی اپنی کوتاہی کا اعتراف ہے۔
مضراب کا تازہ شمارہ آپکے ذوق کی نذر کر رہی ہوں۔ امید کرتی ہوں کہ آپ کے معیار پر پورا اُترے گا۔ اسے مرتب کرنے کے دوران کچھ ذاتی مصروفیت اور کچھ حادثات آڑے آئے۔ اس لئے اس کی ضخامت میری ترجیحات سے کافی کم ہے۔ ہماری خواہش تھی کہ ایک معیاری افسانہ نمبر آپ کی خدمت میں پیش کر سکیں۔ مگر اُردو لکھنے والوں کی اکثریت اب تک انٹر نیٹ کے جریدوں کو اہمیت نہیں دیتی اور قلمی تعاون سے گریزاں رہتی ہے۔
مضراب کے مدیران اُن تمام سخنوران کے ممنون ہیں جن کی تخلیقات اس شمارے میں شامل ہیں۔
اس شمارے سے متعلقہ آپ کی گراں قدر آرا کے منتظر رہیں گے۔
والسلام
زرقا مفتی

تارِ نفس۔ حمد و نعت

نعت

صبا اکبر آبادی

پیش نگاہ خاص و عام، شام بھی تو، سحر بھی تو
جلوہ طراز اِدھر بھی تو، روح نواز اُدھر بھی تو

ایک نگاہ میں ‌جلال، ایک نگاہ میں جمال
منزل طور پر بھی تو، مسند عرش پر بھی تو

عجز و نیاز بندگی تیری نوازشوں سے ہے
حاکم ہر دعا بھی تو، بارگہ اثر بھی تو

پردۂ شب میں ہے نہاں، نورِ سحر میں ہے عیاں
آپ ہی پردہ دار بھی، آپ ہی پردہ در بھی تو

تیرا عروج سرمدی، تیرا بیان زندگی
رفعت لامکاں بھی تو، عظمت بام و در بھی تو

تو ہی ہے کائناتِ راز، تو ہی ہے رازِ کائنات
تو ہی محیط ہر نظر، مرکز ہر نظر بھی تو

بندہ ترا نثار ہے ذات و صفات پر تری
قلب صبا تو ہی تو، جان دل و جگر بھی تو
٭٭٭

اے خُدا۔ ۔ ۔
پروفیسر صدیق شاہد مرزا

دُعا کے ہاتھ کرم کی گزارشیں دے کر فضائے نیم شبی میں تجھے پکارتا ہوں

زباں پہ روک کے لاکھوں سُخن تمنا کے کلام کی روش و طرز کو سنوارتا ہوں

تو اپنے بنوں کے حق میں رحیم ہے مولا
روز کہہ کے ترے رحم کو اُبھارتا ہوں

میں تیری شان کریمی سے حوصلہ پا کر خیال و فکر کے منظر کئی نکھارتا ہوں

رواں رواں ہے مرا تیرے لُطف کا مقروض
میں سانس لیتا ہوں اور قرض یہ اُتارتا ہوں

ہیں چاروں سمت زباں کھولے خوف کے عفریت
یہ اور بات کہ ہمت نہیں میں ہارتا ہوں

زمانہ سرد ہوا موسم زمستاں کی مدافعت کے لئے میں تجھے پکارتا ہوں

مجھے اس عہد کے آشوب سے پنہ دینا
ترے حضور میں درخواستیں گزارتا ہوں
٭٭٭

حفیظ تائب

خوشبو ہے دو عالم میں تری اے گُلِ چیدہ
کس منہ سے بیاں ہوں ترے اوصافِ حمیدہ

تجھ سا کوئی آیا ہے نہ آئے گا جہاں میں
دیتا ہے گواہی یہی عالم کا جریدہ

اے ہادیء برحق تری ہر بات ہے سچی
دیدہ سے بھی بڑھ کر ہے ترے لب سے شنیدہ

اے رحمتِ عالم، تری یادوں کی بدولت کس درجہ سکوں میں ہے مرا قلب تپیدہ

تو روحِ زمن، روحِ چمن، روحِ بہاراں
تو جانِ بیاں، جانِ غزل، جانِ قصیدہ
٭٭٭

شاہین فصیح ربانی

حرف حرف عزت ہو، لفظ لفظ مدحت ہو
سوچ سوچ ندرت ہو، شعر شعر حرمت ہو
لہجہ لہجہ امرت ہو، صفحہ صفحہ عظمت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو، عقیدت ہو

پھول پھول نکہت ہو، نجم نجم رفعت ہو
زیست زیست چاہت ہو، خواب خواب قربت ہو
روح روح عشرت ہو، قلب قلب الفت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو، عقیدت ہو

آپؐ ہی سے نسبت ہو، اس طرح کی قسمت ہو
رنج رنج راحت ہو، درد درد فرحت ہو
چشم چشم حسرت ہو، آپؐ کی محبت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو، عقیدت ہو

سوچ ہو، بصیرت ہو، آپؐ ہی کی سیرت ہو
لمحہ لمحہ تسکیں ہو، لحظہ لحظہ راحت ہو
گاؤں گاؤں خوشحالی، شہر شہر جنت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو، عقیدت ہو

زندگی کا رستہ ہو، ایک ہی تمنا ہو
اُنؐ کے در پہ جانا ہو، اور فصیحؔ ایسا ہو
پاؤں پاؤں چلنا ہو، عمر کی مسافت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو، عقیدت ہو
٭٭٭

ادب عالیہ

تائی ایسری

میں گرانٹ میڈیکل کالج کلکتہ میں ڈاکٹری کا فائنل کورس کر رہا تھا اور اپنے بڑے بھائی کی شادی پر چند روز کے لئے لاہور آ گیا تھا۔ یہیں شاہی محلے کے قریب کوچہ ٹھاکر داس میں ہمارا جہاں آبائی گھر تھا، میری ملاقات پہلی بار تائی ایسری سے ہوئی۔
تائی ایسری ہماری سگی تائی تو نہ تھی، لیکن ایسی تھیں کہ انہیں دیکھ کر ہر ایک کا جی انہیں تائی کہنے کے لئے بے قرار ہو جاتا تھا۔ محلے کے باہر جب ان کا تانگہ آ کے رکا اور کسی نے کہا: ’’لو تائی ایسری آ گئیں ‘‘تو بہت سے بڑھے، جوان، مرد اور عورتیں انہیں لینے کے لئے دوڑے۔ دو تین نے سہارا دے کر تائی ایسری کو تانگے سے نیچے اتارا، کیونکہ تائی ایسری فربہ انداز تھیں اور چلنے سے یا باتیں کرنے سے یا محض کسی کو دیکھنے ہی سے ان کی سانس پھولنے لگتی تھی۔ دو تین رشتہ داروں نے یک بارگی اپنی جیب سے تانگہ کے کرائے کے پیسے نکالے۔ مگر تائی ایسری نے اپنی پھولی ہوئی سانسوں میں ہنس کر سب سے کہہ دیا کہ وہ تو پہلے ہی تانگہ والے کو کرایہ کے پیسے دے چکی ہیں اور جب وہ یوں اپنی پھولی سانسوں کے درمیان باتیں کرتی کرتی ہنسیں تو مجھے بہت اچھی معلوم ہوئیں۔ دو تین رشتہ داروں کا چہرہ اتر گیا اور انہوں نے پیسے جیب میں ڈالتے ہوئے کہا: ’’یہ تم نے کیا کیا تائی؟ ہمیں اتنی سی خدمت کا موقع بھی نہیں دیتی ہو!‘‘اس پر تائی نے کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے اپنے قریب کھڑی ہوئی ایک نوجوان عورت سے پنکھی لے لی اور اسے جھلاتے ہوئے مسکراتی ہوئی آگے بڑھ گئیں۔
تائی ایسری کی عمر ساٹھ سال سے کم نہ ہو گی، ان کے سر کے بال کھچڑی ہو چکے تھے اور ان کے بھرے بھرے گول مٹول چہرے پر بہت اچھے لگتے تھے۔ ان کا پھولی پھولی سانسوں میں معصوم باتیں کرنا تو سب کو ہی اچھا لگتا تھا۔ لیکن مجھے ان کے چہرے میں ان کی آنکھیں بڑی غیر معمولی نظر آئیں۔ ان آنکھوں کو دیکھ کر مجھے ہمیشہ دھرتی کا خیال آیا ہے۔ میلوں دور تک پھیلے ہوئے کھیتوں کا خیال آیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ خیال بھی آیا ہے کہ ان آنکھوں کے اندر جو محبت ہے، اس کا کوئی کنارہ نہیں، جو معصومیت ہے اس کی کوئی ا تھاہ نہیں، جو درد ہے اس کا کوئی درماں نہیں۔
میں نے آج تک ایسی آنکھیں کسی عورت کے چہرے پر نہیں دیکھیں جو اس قدر وسیع اور بے کنار ہوں کہ زندگی کا بڑے سے بڑا اور تلخ سے تلخ تجربہ بھی ان کے لئے ایک تنکے سے زیادہ حیثیت نہ رکھے۔ ایسی آنکھیں جو اپنی پنہائیوں میں سب کچھ بہا لے جائیں، ایسی انوکھی، معاف کر دینے والی، درگزر کر دینے والی آنکھیں میں نے آج تک نہیں دیکھیں۔ تائی ایسری نے کاسنی شاہی کا گھاگھرا پہن رکھا تھا۔ جس پر سنہری گوٹے کا لہریا چمک رہا تھا۔ ان کی قمیض بسنتی ریشم کی تھی، جس پر زری کے پھول کڑھے ہوئے تھے۔ سر پر دوہرے ململ کا قرمزی دوپٹہ تھا۔ ہاتھوں میں سونے کے گوکھرو تھے۔ جب وہ گھر کے دالان میں داخل ہوئیں تو چاروں طرف شور مچ گیا۔ بہوئیں اور خالائیں اور نندیں اور بھاوجیں، موسیاں اور چچیاں سب تائی ایسری کے پاؤں چھونے کو دوڑیں۔ ایک عورت نے جلدی سے ایک رنگین پیڑھی کھینچ کر تائی ایسری کے لئے رکھ دی اور تائی ایسری ہنستے ہوئے اس پر بیٹھ گئیں اور باری باری سب کو گلے لگا کر سب کے سر پر ہاتھ پھیر کر سب کو دعا دینے لگیں۔
اور ان کے قریب ہیرو مہری کی بیٹی سوتری خوشی سے اپنی باچھیں کھلائے زور زور سے پنکھا جھل رہی تھی۔ تائی ایسری گھر سے رنگین کھپچی کی ایک ٹوکری لے کر آئی تھیں جو ان کے قدموں میں ان کی پیڑھی کے پاس ہی پڑی تھی۔ وہ باری باری سے سب کو دعائیں دیتی جاتیں اور کھپچی والی ٹوکری کھول کر اس میں سے ایک چونی نکال کر دیتی جاتیں۔ کوئی ایک سو چونیاں انہوں نے اگلے بیس منٹ میں بانٹ دی ہوں گی، جب سب عورتیں اور مرد، لڑکے اور بچے بالے ان کے پاؤں چھو کر اپنی اپنی چونی لے چکے تو انہوں نے اپنی ٹھوڑی اونچی کر کے پنکھا جھلنے والی لڑکی کی طرف دیکھا اور اس سے پوچھا۔
’’تو کون ہے؟‘‘
’’میں سوتری ہوں۔ ‘‘بچی نے شرماتے ہوئے جواب دیا۔
’’آئے ہائے، تو جے کشن کی لڑکی ہے؟ میں تو بھول ہی گئی تھی تجھے۔ آ جا گلے سے لگ جا....!‘‘
تائی ایسری نے اس کو گلے سے لگا لیا، بلکہ اس کا منہ بھی چوم لیا اور جب انہوں نے اسے اپنی کھپچی والی ٹوکری سے نکال کر چونی دی تو گھر کی ساری عورتیں قہقہہ مار کر ہنس پڑیں اور موسی کرتارو اپنی نیلم کی انگوٹھی والی انگلی نچا کر بولی: ’’تائی، یہ تو جے کشن کی بیٹی سوتری نہیں ہے، یہ تو ہیرو مہری کی بیٹی ہے۔ ‘‘
’’ہائے میں مر گئی۔ ‘‘تائی ایسری ایک دم گھبرا کر بولی، ان کی سانس پھول گئی۔ ’’ہائے اب تو مجھے نہانا پڑے گا، میں نے اس کا منہ بھی چوم لیا ہے۔ اب کیا کروں۔ ‘‘تائی ایسری نے اپنی بڑی بڑی حیران نگاہوں سے مہری کی بیٹی سوتری کی طرف دیکھا، جو اب اس طرح دھتکارے جانے پر سسکنے لگی۔ یکایک تائی کو اس پر رحم آ گیا۔ انہوں نے پھر اسے بانہہ سے پکڑ کر چمٹا لیا۔ ’’ناں ! ناں ! تو کیوں روتی ہے، تو تو انجان ہے، تو تو دیوی ہے، تو تو کنواری ہے، تیرے من میں تو پرمیشر بستے ہیں۔ تو کیوں روتی ہے، مجھے تو اپنے دھرم کے کارن نہانا ہی پڑے گا۔ پر تو کیوں روتی ہے۔ ایک چونی اور لے۔ ‘‘
تائی ایسری سے دوسری چونی پا کر مہری کی بیٹی سوتری اپنے آنسو پونچھ کر مسکرانے لگی۔ تائی ایسری نے ایک بازو اٹھا کر پرے دالان میں گزرتی ہوئی ہیرومہری کو دیکھ کر بلند آواز میں کہا۔
’’نی ہیرو۔ میرے اشنان کے لئے پانی رکھ دے۔ تجھے بھی ایک چونی دوں گی۔ ‘‘اس پر ساری محفل لوٹ پوٹ ہو گئی۔
تائی ایسری کو کئی لوگ چونی والی تائی کہتے تھے۔ کئی لوگ کنواری تائی کہتے تھے۔ کیونکہ یہ بھی مشہور تھا کہ جس دن سے تایا یودھ راج نے تائی ایسری سے شادی کی تھی۔ اس دن سے آج تک وہ کنواری کی کنواری چلی آ رہی تھیں، کیوں کہ سنانے والے تو یہ بھی سناتے ہیں کہ تایا یودھ راج نے اپنی شادی سے پہلے جوانی میں اتنی خوبصورت عورتیں دیکھ ڈالی تھیں کہ جب ان کی شادی گاؤں کی اس سیدھی سادی لڑکی سے ہوئی تو شادی کے پہلے روز ہی وہ انہیں بالکل پسند نہ آئی۔ جب سے انہوں نے شادی کر کے انہیں بالکل اکیلا چھوڑ دیا تھا۔ مگر کسی طرح کی سختی نہیں کرتے تھے۔ تایا یودھ راج ہر ماہ پچھتر روپے اسے بھیجتے تھے۔ وہ گاؤں میں رہتی تھی، اپنے سسرال کے ہاں اور سب کی خدمت کرتی تھی اور تایا یودھ راج جالندھر میں لوہے کا بیوپار کرتے تھے اور کئی کئی سال اپنے گاؤں میں نہیں جاتے تھے۔ میکے والوں نے کئی بار آ کر تائی کو لے جانا چاہا مگر انہوں نے صاف انکار کر دیا۔ میکے والوں نے یہ بھی چاہا کہ ان کی شادی پھر سے کر دی جائے۔ مگر تائی اس کے لئے بھی راضی نہ ہوئیں۔ وہ ایسے انہماک سے اپنے سسرال کے لوگوں کی خدمت کرتی رہیں کہ سسرال والے خود انہیں اپنی بیٹی اور بہو سے زیادہ چاہنے لگے۔ تایا یودھ راج کے باپ مانک چند نے تو اپنے گھر کی ساری چابیاں تائی ایسری کے سپرد کر دی تھیں اور ساس بھی اس حد تک چاہنے لگی تھی کہ انہوں نے اپنے سارے گہنے پاتے نکال کر تائی ایسری کی تحویل میں دے دیئے تھے۔ ویسے بہت سی عورتوں کو دیکھ کر یہ خیال بھی آتا ہے کہ جوانی میں کیسی رہی ہوں گی۔ مگر تائی ایسری کو دیکھ کر کبھی یہ خیال بھی نہ آیا۔ ہمیشہ یہی خیال آتا ہے کہ تائی ایسری شاید بچپن سے بلکہ جنم ہی سے ایسی پیدا ہوئی ہوں گی۔ پیدا ہوتے ہی انہوں نے اپنی ماں کو ہاتھ پھیلا کر آشیرواد دی ہو گی اور شاید بڑے میٹھے مہربان لہجے میں یہ بھی کہا ہو گا۔ تجھے میرے لئے بہت دکھ اٹھانے پڑے۔ اس لئے یہ لو ایک چونی!
شاید اسی لئے اپنے شوہر سے بھی ان کے تعلقات بے حد خوشگوار تھے۔ تایا یودھ راج ہمارے رشتہ داروں کی نظر میں شرابی، کبابی اور رنڈی باز تھے۔ وہ لوہے کے بڑے بیوپاری تھے تو کیا ہوا، انہیں اس طرح سے تائی ایسری کی زندگی برباد نہ کرنا چاہئے۔ مگر جانے کیا بات تھی، تائی ایسری کو قطعاً اپنی زندگی برباد ہونے کا کوئی غم نہ تھا۔ ان کے طرز عمل سے معلوم ہوتا تھا۔ جیسے انہیں اس بات کا بھی علم نہیں ہے کہ کسی نے ان کی زندگی برباد کی ہے.... ہر وقت ہنستی کھیلتیں باتیں کرتیں، ہر ایک کے سکھ اور دکھ میں شامل ہونے اور خدمت کرنے کے لئے تیار نظر آتیں۔ یہ تو بالکل ناممکن تھا کہ پڑوس میں کسی کے ہاں خوشی ہو اور وہ اس میں شریک نہ ہوں، کسی کے ہاں کوئی غم ہو اور وہ اس میں حصہ نہ بٹائیں۔ تائی ایسری کے شوہر امیر تھے، مگر وہ خود تو امیر نہ تھیں۔ پچھتر روپے جو انہیں ماہوار ملتے تھے وہ انہیں ہمیشہ دوسروں پر خرچ کر دیتی تھیں۔ مگر وہ سستے زمانے کے پچھتر روپے تھے۔ اسی لئے بہت سے لوگوں کے دکھ درد، دور ہو جاتے تھے۔ مگر لوگ ان سے ان کی وقت بے وقت کی مدد کی وجہ سے پیار نہیں کرتے تھے۔ ایسے ہی بہت سے موقع آتے تھے، جب تائی ایسری کی جیب میں ایک چھدام تک نہ ہوتا تھا۔ اس وقت بھی لوگ بے مزہ نہ ہوئے بلکہ یہی کہتے سنے گئے کہ تائی ایسری کے چرن چھو لینے ہی سے دل کو شانتی مل جاتی ہے۔
مگر جتنی اچھی تائی ایسری تھیں، تایا یودھ راج اتنے ہی برے تھے۔ تیس برس تک تو انہوں نے تائی ایسری کو اپنے ماں باپ کے گھر گاؤں ہی میں رکھا اور جب ان کے ماں باپ دونوں ہی مر گئے اور گھر خالی ہو گیا، گھر کے دوسرے افراد بڑے ہو گئے اور شادیاں کر کے اور اپنے گھر بسا کے دوسری جگہوں پر چلے گئے تو انہیں بادل نخواستہ تائی ایسری کو بھی جالندھر بلوانا پڑا۔ مگر یہاں تائی ایسری چند دنوں سے زیادہ نہ رہ سکیں۔ کیونکہ پکا باغ کے معزز پٹھانوں کی ایک لڑکی سے تایا یودھ نے یارانہ گانٹھنے کی کوشش کی تھی۔ نتیجہ میں انہیں جالندھر سے بھاگ کر لاہور آنا پڑا، کیوں کہ پکا باغ کے پٹھانوں نے آ کر تائی ایسری سے کہہ دیا تھا کہ صرف تمہاری وجہ سے ہم نے اسے زندہ چھوڑ دیا ہے۔ اب بہتر یہی ہے کہ تم اپنے گھر والے کو لے کر کہیں چلی جاؤ ورنہ ہم اسے زندہ نہ چھوڑیں گے اور تائی ایسری اس واقعہ کے چند روز بعد ہی تایا کو لے کر لاہور آ گئیں۔ محلہ ونجاراں میں انہوں نے ایک چھوٹا سا مکان لے لیا تھا۔ خوش قسمتی سے یا بدقسمتی سے یہاں بھی تایا یودھ راج کا بیوپار چند مہینوں میں چمک گیا۔ اسی اثناء میں انہوں نے شاہی محلے کی ایک طوائف لچھمی سے دوستی کر لی اور ہوتے ہوتے یہ قصہ یہاں تک بڑھا کہ اب انہوں نے مستقل طور پر اسی لچھمی کے گھر رہنا شروع کر دیا تھا اور محلہ ونجاراں میں قدم تک نہ دھرتے تھے۔ لیکن تائی ایسری کو دیکھ کر کبھی کوئی یہ نہیں کہہ سکتا تھا کہ انہیں اس امر کا اتا سا بھی ملال ہوا ہو گا۔
یہ وہ زمانہ تھا، جب تایا یودھ راج اور لچھمی طوائف کا قصہ زوروں پر تھا۔ انہی دنوں ہمارے بڑے بھائی کی شادی ہوئی۔ شادی میں تایا یودھ راج تو شریک نہ ہوئے، لیکن تائی نے رشتہ داروں، مہمانوں اور برات کی خدمت گزاری میں دن رات ایک کر دیا۔ ان کی خوش مزاجی سے پیچیدہ سے پیچیدہ گتھیاں بھی سلجھ گئیں۔ چہرے پر چڑھی ہوئی تیوریاں اتر گئیں اور جبینیں شکنوں سے صاف اور منور ہوتی گئیں۔ اس میں تائی کی کاوش کو کوئی دخل نہ تھا۔ سکون کی شعاعیں گویا خودبخود ان کے جسم سے پھوٹتی تھیں۔ انہیں دیکھتے ہی ہر ایک کا غصہ اتر جاتا۔ پیچیدہ سے پیچیدہ الجھنیں خودبخود سلجھ جاتیں۔ گھر بھر میں بشاشت بکھر جاتی، ایسی تائی ایسری۔
میں نے تائی ایسری کو کبھی کسی کی برائی کرتے نہیں دیکھا۔ کبھی قسمت کا گلہ کرتے نہیں دیکھا۔ ہاں ایک بار ان کی آنکھوں میں ایک عجیب سی چمک دیکھی تھی اور وہ واقعہ اسی شادی سے متعلق ہے۔
بڑے بھائی صاحب تو رات بھر شادی کی بیری پر بیٹھے رہے۔ صبح کے پانچ بجے شادی کے بعد لڑکی والوں نے اپنے گھر کے ہال کو جہیز کا سامان دکھانے کے لئے سجا دیا۔ پرانے زمانے تھے۔ اس زمانے میں صوفوں کی بجائے رنگین پیڑھیاں دی جاتی تھیں اور منقش پایوں والے پلنگ دیئے جاتے تھے۔ اس زمانے میں ڈرائنگ روم کو بیٹھک یا دیوان خانہ کہا جاتا۔ میرے بڑے بھائی کے سسر ملٹری میں ایگزیکٹو آفیسر تھے۔ چونکہ وہ پہلے ہندوستانی ایگزیکٹو آفیسر تھے۔ اس لئے انہوں نے جہیز میں بہت کچھ دیا تھا اور ساری ہی نئے فیشن کی چیزیں دی تھیں۔ ہماری برادری میں پہلی بار جہیز میں صوفہ سیٹ دیا گیا۔ ساری برادری میں اس صوفہ سیٹ کی دھوم مچ گئی۔ دور دور کے محلوں سے بھی عورتیں ’’انگریجی پیڑھیوں ‘‘کو دیکھنے کے لئے آنے لگیں۔ تائی ایسری کے لئے بھی صوفہ سیٹ دیکھنے کا پہلا موقعہ تھا۔ پہلے تو بڑی حیرانی سے اسے دیکھتی رہیں۔ اس پر ہاتھ پھیر کر من ہی من میں کچھ بڑبڑاتی رہیں۔ آخر ان سے رہا نہ گیا تو انہوں نے مجھ سے پوچھ ہی لیا۔
’’وے کاکا۔ اس کو صوفہ سیٹ کیوں بولتے ہیں ؟‘‘
اب میں اس کا جواب کیا دیتا۔ سر ہلا کر کہنے لگا: ’’مجھے نہیں معلوم تائی!‘‘
’’اچھا تو اس کی دو کرسیاں چھوٹی کیوں ہیں اور وہ تیسری کرسی لمبی کیوں ہے؟‘‘
میں پھر لاجواب ہو گیا۔ خاموشی سے انکار میں سر ہلا دیا۔
تائی دیر تک سوچتی رہیں۔ پھر یکایک جیسے ان کی سمجھ میں کچھ آ گیا۔ ان کا چہرہ، ان کی معصوم سی مسکراہٹ سے روشن ہو اٹھا۔ ’’بولیں :’’میں بتاؤں ؟‘‘
’’میں نے کہا۔ ’’بتاؤ تائی!‘‘
وہ ہم سب کو بچوں کی طرح سمجھاتے ہوئے بولیں : ’’دیکھو، میرا خیال ہے کہ یہ لمبا صوفہ تو اس لئے بنا ہے کہ جب دونوں میاں بیوی میں صلح ہو تو وہ دونوں اس لمبے صوفے پر بیٹھیں اور جب ان دونوں میں لڑائی ہو تو الگ الگ ان دو چھوٹے چھوٹے صوفوں پر بیٹھیں۔ سچ مچ یہ انگریز بڑے عقل مند ہوتے ہیں جبھی تو ہم پر حکومت کرتے ہیں۔ ‘‘
تائی کی دلیل سن کر محفل میں ایک زوردار قہقہہ پڑا۔ مگر میں نے دیکھا کہ تائی یہ سوچ کر اور بات کہہ کر چپ سی ہو گئیں۔ کیا اس وقت انہیں اپنا اور اپنے خاوند کا جھگڑا یاد آیا تھا۔ یہ تو میں نہیں کہہ سکتا۔
میں نے جب غور سے ان کی آنکھوں میں دیکھا تو ایک پل کے لئے مجھے ان کی آنکھوں میں ایک عجیب سی چمک نظر آئی۔ پھر مجھے محسوس ہوا، جیسے دریا کا پاٹ بہت چوڑا ہو گیا ہو۔
کلکتہ سے ایم۔ بی۔ بی۔ ایس کرنے کے بعد میں نے وہیں ایک بنگالی لڑکی سے شادی کر لی اور دھرم تلے میں پریکٹس کرنے لگا۔ کئی سال کوشش کرتا رہا مگر پریکٹس نہ چلی۔ چنانچہ اپنے بڑے بھائی کے اصرار پر لاہور چلا آیا۔ بھائی صاحب نے کوچہ ٹھاکر داس کے نکڑ پر مجھے دوکان کھول دی اور میں اپنے گھر میں یعنی اپنے محلے میں اپنی برادری ہی کے سہارے پریکٹس چلانے لگا۔ کلکتہ میں، میں بالکل اناڑی تھا اور زندگی کا تجربہ بھی نہ تھا۔ یہاں آ کر جب آٹھ دس برسوں میں گاہک کو پھانسنے کی ترکیب سمجھ میں آئی تو پریکٹس خود بخود چل نکلی۔ اب دن رات مصروف رہتا تھا۔ بچے بھی ہو گئے تھے۔ اس لئے زندگی سوت کی انٹی کی طرح ایک ہی مدار پر چکر کھانے لگی۔ ادھر ادھر جانے کا موقع کم ملتا تھا۔ اب تو کئی برس سے تائی ایسری کا منہ نہ دیکھا تھا مگر اتنا سن رکھا تھا کہ تائی ایسری اس مکان میں محلہ ونجاراں میں رہتی ہیں اور تایا یودھ راج شاہی محلے میں اسی لچھمی کے مکان میں رہتے ہیں اور کبھی کبھی دوسرے تیسرے مہینے تائی ایسری کی خبر لینے آ جاتے ہیں۔
ایک روز میں صبح کے وقت مریضوں کی بھیڑ میں بیٹھا نسخے تجویز کر رہا تھا کہ محلہ ونجاراں کے ایک آدمی نے آ کر کہا: ’’جلدی چلئے ڈاکٹر صاحب، تائی ایسری مر رہی ہیں !‘‘
میں اسی وقت سب کام چھوڑ چھاڑ کر اس آدمی کے ساتھ ہو لیا۔ محلہ ونجاراں کے بالکل اس آخری سرے پر تائی ایسری کا مکان تھا۔ پہلی منزل کی سیڑھیاں چڑھ کر جب میں آہنی سلاخوں والے موکھے سے گزر کر ان کے نیم تاریک کمرہ میں داخل ہوا تو وہ بڑے بڑے تکیوں کا سہارا لئے پلنگ سے لگی بیٹھی تھی۔ ان کی سانس زور زور سے چل رہی تھی اور انہوں نے بڑے زور سے اپنے دائیں ہاتھ سے بائیں طرف گویا اپنے دل کو پکڑ رکھا تھا۔ مجھے دیکھ کر ہی وہ پھولے پھولے سانسوں میں مسکرانے لگیں۔ بولیں : ’’تو آ گیا پتر۔ اب میں بچ جاؤں گی۔ ‘‘
’’کیا تکلیف ہو گئی ہے تائی؟‘‘
’’ہوتا کیا، موت کا بلاوا آ گیا تھا۔ دو دن مجھے سخت کس (بخار) رہی۔ پھر ایکا ایکی جسم ٹھنڈا ہونے لگا۔ (بیان کرتے کرتے تائی کی آنکھوں کی پتلیاں پھیلنے لگیں ) پہلے ٹانگوں سے جان گئی۔ ٹانگوں کو ہاتھ لگاؤ تو ٹھنڈی یخ، چٹکی بہرو تو کچھ محسوس نہ ہو، پھر دھیرے دھیرے میری جان کمر سے نکل گئی اور جب میری جان اوپر سے بھی نکلنے لگی تو میں نے زور سے اپنے کلیجہ کو پکڑ لیا۔ ‘‘تائی اپنے دائیں ہاتھ سے بائیں طرف اپنے دل والے حصے کو اور زور سے پکڑ کر بولیں : ’’تو میں نے زور سے اپنے کلیجہ کو پکڑ لیا اور چلائی، ارے کوئی ہے، کوئی ہے تو جائے اور جے کشن کے بیٹے رادھا کشن کو بلا کے لائے، وہی مجھے ٹھیک کر سکتا ہے.... اب تم آ گئے ہو، اب.... اب میں بچ جاؤں گی۔ ‘‘تائی ایسری نے مکمل طمانیت سے کہا۔
میں نے اپنا ہاتھ تائی کے دائیں ہاتھ کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا۔ ’’تائی ذرا اپنا یہ ہاتھ ادھر کرو، تمہاری نبض تو دیکھوں۔ ‘‘
ایک دم تائی دوسرے ہاتھ سے میرا ہاتھ جھٹک کر بولیں : ’’ہائے وے تم کیسے ڈاکٹر ہو، تجھے اتنا نہیں معلوم کہ اس ہاتھ سے تو میں نے اپنی جان پکڑ رکھی ہے، اس ہاتھ کی نبض تجھے کیسے دکھا سکتی ہوں۔ ‘‘
تائی چند ہفتوں میں اچھی ہو گئیں۔ انہیں بلڈ پریشر کی شکایت تھی۔ جب وہ جاتی رہی تو پھر اٹھ کر گھومنے لگیں اور اپنے پرائے سب کے سکھ دکھ میں بدستور شریک ہونے لگیں۔ لیکن جب وہ اچھی ہوئیں تو اس کے چند ماہ بعد ہمارے تایا یودھ راج کا انتقال ہو گیا۔ وہیں لچھمی کے گھر شاہی محلے میں ان کا انتقال ہوا۔ وہیں سے ان کی ارتھی اٹھی کیوں کہ تائی نے ان کی لاش کو گھر لانے کی اجازت نہیں دی تھی۔ تائی نہ ارتھی کے ساتھ گئیں نہ انہوں نے شمشان گھاٹ کا رخ کیا نہ ان کی آنکھوں سے آنسو کا ایک قطرہ تک نکلا تھا۔ انہوں نے خاموشی سے اپنے سہاگ کی چوڑیاں توڑ ڈالیں۔ رنگین کپڑے اتار کر سپید دھوتی پہن لی اور ماتھے کی سیندور پونچھ کر چولہے کی راکھ اپنے ماتھے پر لگا لی۔ مگر ان کے دھرم کرم میں اور کسی طرح کا فرق نہ آیا بلکہ اپنے سفید بالوں سے وہ اب اس سفید دھوتی میں اور بھی اچھی لگ رہی تھیں۔ تائی کی اس حرکت پر برادری میں چہ میگوئیاں ہوئیں، سب کو اچنبھا ہوا۔ کچھ لوگوں نے برا بھی مانا۔ مگر تائی کی عزت اس قدر تھی کہ ان کے سامنے زبان کھولنے کی کسی کو ہمت نہ پڑی!
چند برس اور گزر گئے۔ اب میری پریکٹس اس قدر چمک اٹھی تھی کہ میں نے محلہ ٹھاکر داس کے شاہ عالمی گیٹ کے اندر کوچہ کرماں اور وچھو والی کے چوک میں بھی پریکٹس شروع کر دی تھی۔ صبح میں محلہ ٹھاکر داس میں بیٹھتا تھا، شام کو وچھو والی میں۔ زندگی کچھ اس نہج سے گزر رہی تھی کہ تائی ایسری کو دیکھے ہوئے ڈیڑھ ڈیڑھ دو دو برس گزر جاتے تھے مگر گھر کی عورتوں سے تائی ایسری کی خبر ملتی رہتی تھی۔ تایا یودھ راج نے اپنے بینک کا روپیہ بھی لچھمی کو سونپ دیا تھا۔ مگر جالندھر کی دکان اور مکان تائی ایسری کے نام لکھ گئے تھے۔ ان سے ہر ماہ تائی ایسری کو ڈیڑھ سو روپیہ کرایہ آ جاتا تھا۔ وہ بدستور اسی طرح محلہ ونجاراں میں رہتی تھیں اور دن رات اپنے دھرم کرم میں ڈوبی رہتی تھیں۔
ایک روز اتفاق سے جب میں شاہی محلے میں ایک مریض کو دیکھ کر لوٹ رہا تھا تو مجھے تایا یودھ راج کی یاد آ گئی اور ان کی یاد سے لچھمی کی یاد آ گئی۔ کیونکہ لچھمی بھی تو اسی شاہی محلہ میں کہیں رہتی تھی اور جب لچھمی کی یاد آئی تو میرا ذہن فوراً تائی ایسری کی طرف منتقل ہو گیا اور میرا ضمیر مجھے ملامت کرنے لگا۔ غالباً بارہ پندرہ مہینوں سے میں تائی ایسری کو دیکھنے نہ گیا تھا۔ میں نے سوچا میں کل یا پرسوں پہلی فرصت ہی میں تائی ایسری کو دیکھنے جاؤں گا۔
ابھی میں یہی سوچ رہا تھا کہ شاہی محلے کی ایک گلی سے میں نے تائی ایسری کو نکلتے دیکھا۔ قرمزی شاہی کے بجائے اب وہ سیاہ شاہی کا گھاگھرا پہنے تھیں جس پر نہ گوٹہ تھا نہ لچکا۔ قمیض بھی سفید رنگ کی تھی اور سر پر انہوں نے سفید ململ کا دوہرا دوپٹہ لے رکھا تھا۔ جس میں ان کا گول مٹول چہرہ بالکل میڈونا کی طرح معصوم اور پراسرار نظر آ رہا تھا۔
جس لمحہ میں نے انہیں دیکھا اسی لمحہ انہوں نے بھی مجھے دیکھا اور مجھے دیکھتے ہی وہ شرما سی گئیں اور فوراً مجھ سے کترا کر واپس گلی میں جانے لگیں کہ میں نے انہیں فوراً آواز دے دی۔ میری آواز میں ایک ایسی حیرت تھی جو ایک چیخ سے مشابہ تھی۔ یہ تائی ایسری یہاں طوائفوں کے محلے میں کیا کر رہی تھیں ؟
’’تائی ایسری!‘‘میں نے چلا کر کہا۔ ’’تائی ایسری!‘‘میں نے پھر آواز دی۔
میری آواز سن کر وہ پلٹ آئیں۔ سامنے آ کر ایک گنہگار مجرم کی طرح کھڑی ہو گئیں۔ ان کی نگاہیں اوپر نہ اٹھتی تھیں۔
’’تائی ایسری تم یہاں کیا کرنے آئی ہو؟‘‘میں نے کچھ حیرت سے کچھ غصے سے ان سے کہا۔
وہ اسی طرح سر نیچا کئے آہستہ آہستہ جھجکتے جھجکتے بولیں : ’’وے پتر! کیا بتاؤں وہ.... وہ.... میں نے سنا تھا کہ لچھمی بیمار ہے، بہت سخت بیمار ہے۔ میں نے سوچا اسے دیکھ آؤں ....!‘‘
’’تم یہاں لچھمی کو دیکھنے آئی تھیں ؟‘‘میں نے غم اور غصے سے تقریباً چیخ کر کہا۔
’’لچھمی کو.... لچھمی کو.... اس بد ذات چھنال کو؟.... جس نے.... جس نے!‘‘
تائی ایسری نے آہستہ سے اپنا ہاتھ اوپر اٹھایا اور میں کہتے کہتے رک گیا.... ’’نہ کاکا! اس کو کچھ نہ کہو.... کچھ نہ کہو....!‘‘تائی ایسری نے اپنی ڈبڈباتی ہوئی آنکھیں اوپر اٹھائیں اور ایک ٹھنڈی سانس لے کر بولیں :
’’مرنے والے کی یہی ایک نشانی رہ گئی تھی۔ آج وہ بھی چل بسی!‘‘
سن 47ءکے فسادات میں ہم لوگ لاہور چھوڑ کر جالندھر میں پناہ گزین ہوئے۔ کیوں کہ یہاں پر تائی ایسری کا گھر تھا۔ خاصہ کھلا دو منزلہ گھر تھا۔ اوپر کی منزل انہوں نے اپنے رشتہ دار پناہ گزینوں کو دے ڈالی تھی۔ نچلی منزل میں وہ خود رہتی تھیں۔ ہر روز وہ ریفیوجی کیمپوں میں سیوا کرنے جاتیں اور کبھی کبھار دو ایک یتیم بچے اٹھا لاتیں۔ چار پانچ ماہ ہی میں انہوں نے چار لڑکے اور تین لڑکیاں اپنے پاس رکھ لیں۔ کیوں کہ ان کے ماں باپ کا کچھ پتہ نہیں چلتا تھا۔ پچھواڑے کے آنگن اور سامنے دالان میں انہوں نے مختلف پناہ گزینوں کو سونے اور کھانا پکانے کی اجازت دے دی تھی۔ ہوتے ہوتے ایک اچھا خاصا گھر سرائے میں تبدیل ہو گیا۔ مگر میں نے تائی ایسری کے ماتھے پر کبھی ایک شکن نہیں دیکھی۔ وہ اپنے گھر میں بھی باہر سے اس طرح آتی تھیں جیسے وہ گھر ان کا نہ ہو، ان پناہ گزینوں کا ہو جنہیں انہوں نے اپنے گھر میں رہنے کی خود اجازت دی تھی۔ عورتوں میں شخصی جائیداد کی حس بہت تیز ہوتی ہے۔ مگر میں نے عورتوں میں تو کیا مردوں میں بھی ایسا کوئی فرد مشکل ہی سے دیکھا ہو گا۔ جسے تائی ایسری کی طرح شخصی جائیداد کا اس قدر کم احساس ہو۔ قدرت نے ان کے دماغ میں شاید یہ خانہ ہی خالی رکھا تھا۔ ان کے پاس جو کچھ تھا دوسروں کے لئے وقف تھا۔ جالندھر آ کر وہ صرف ایک وقت کھانا کھانے لگی تھیں۔ میں ان کی ان حرکتوں سے بہت چڑتا تھا۔ کیونکہ میں نے اپنی قیمتی پریکٹس لاہور میں کھو دی تھی۔ میری ماڈل ٹاؤن والی کوٹھی بھی وہیں رہ گئی تھی اور اب میرے پاس سر چھپانے کو کہیں جگہ نہ تھی۔ میرے پاس نہ ڈھنگ کے کپڑے تھے نہ روپیہ پیسہ تھا، نہ کھانا پینا تک کا ہو سکتا تھا۔ جو ملا کھا لیا، جب ملا کھا لیا، نہ ملا تو بھوکے رہ گئے۔ انہی دنوں مجھے خونی بواسیر لاحق ہو گئی۔ دوائیں تو میں نے طرح طرح کی استعمال کیں کیونکہ میں خود ڈاکٹر تھا۔ مگر اس بے سر و سامانی میں علاج کے ساتھ پرہیز ضروری ہے، وہ کہاں سے ہوتا۔ نتیجہ ہوا کہ میں دن بدن کمزور ہوتا چلا گیا۔ کچھ روز تک تو میں نے تائی سے اپنی حالت کو چھپائے رکھا مگر ایک دن انہیں پتہ چل ہی گیا۔ فوراً گھبرائی گھبرائی میرے پاس پہنچیں اور مجھ سے کہنے لگیں .... ’’کاکا!میں تم سے کہتی ہو یہ خونی بواسیر ہے۔ یہ ڈاکٹری علاج سے ٹھیک نہ ہو گی۔ تم ایسا کرو، کرایہ مجھ سے لو اور سیدھے گوجرانوالہ چلے جاؤ، وہاں محلہ سنیاراں میں چاچا کریم بخش جراح رہتا ہے۔ اس کے پاس ایک ایسی دوائی ہے جس سے خونی بواسیر ٹھیک ہو جاتی ہے۔ تیرے تایا کو بھی آج سے بیس سال پہلے یہ تکلیف ہو گئی تھی اور چاچا کریم بخش ہی نے ٹھیک کر دیا تھا۔ دس دن میں وہ ٹھیک ہو کر گوجرانوالہ سے جالندھر آ گئے تھے۔ ‘‘
یہ سن کر مجھے بے حد غصہ آیا۔ میں نے کہا: ’’تائی مجھے معلوم ہے۔ اب میں گوجرانوالہ نہیں جا سکتا۔ ‘‘
’’کیوں نہیں جا سکتا۔ ٹکٹ کے پیسے میں دیتی ہوں !‘‘
’’ٹکٹ کا سوال نہیں ہے، گوجرانوالہ اب پاکستان میں ہے۔ ‘‘
’’پاکستان میں ہے تو کیا ہوا، کیا ہم دوا دارو کے لئے وہاں نہیں جا سکتے! وہاں اپنا چاچا کریم بخش....!‘‘
میں نے تائی کی بات کاٹ کر کہا: ’’تائی تجھے کچھ معلوم تو ہے نہیں، خواہ مخواہ الٹی سیدھی باتیں کرتی ہو۔ مسلمانوں نے اب اپنا دیس الگ کر لیا ہے۔ اس کا نام پاکستان ہے۔ ہمارے دیس کا نام ہندوستان ہے۔ اب نہ ہندوستان والے پاکستان جا سکتے ہیں، نہ پاکستان والے یہاں آ سکتے ہیں۔ اس کے لئے پاسپورٹ کی ضرورت ہو گی!‘‘
تائی کے ماتھے پر شکنیں پڑ گئیں۔ بولیں : ’’پاس کورٹ؟ کیا اس کے لئے کچہری جانا پڑتا ہے؟‘‘
’’ہاں ہاں اس کے لئے کچہری جانا پڑتا ہے۔ ‘‘میں نے جلدی سے ٹالنے کے لئے کہہ دیا۔ اب اس بڈھی کو کون سمجھائے۔
’’نہ بیٹا۔ کورٹ جانا تو اچھا نہیں ہے۔ شریفوں کے بیٹے کبھی کچہری نہیں جاتے مگر وہ چاچا کریم بخش....!‘‘
’’بھاڑ میں جائے چاچا کریم بخش۔ ‘‘میں نے چلا کر کہا۔
بیس سال پہلے کی بات کرتی ہو، جانے وہ تمہارا چاچا کریم بخش آج زندہ بھی ہے یا مر گیا ہے۔ مگر تم وہی اپنا چاچا کریم بخش رٹے جا رہی ہو۔ ‘‘
تائی روتی ہوئی وہاں سے چلی گئیں۔ ان کے جانے کے بعد مجھے اپنی تنک مزاجی پر بے حد افسوس ہوا۔ کیوں میں نے اس معصوم عورت کا دل دکھایا۔ اگر تائی آج کی زندگی کی بہت سی دشواریوں کو نہیں سمجھ سکتی ہیں تو اس میں ان کا کیا قصور ہے؟
دراصل میں ان دنوں بہت ہی تلخ مزاج ہو چلا تھا۔ کالج کے دنوں میں، میں اکثر انقلاب کی باتیں کیا کرتا تھا۔ پھر جب زندگی نے مجھے کامرانی بخشی اور میری پریکٹس چل نکلی تو انقلاب کا جوش سرد پڑ گیا اور ہوتے ہوتے یہ لفظ میرے ذہن سے محو ہو گیا۔ اب جالندھر آ کر جو یہ افتاد پڑی تو میرے دل میں پھر سے انقلاب کے خیال نے کروٹ لی اور میں اپنی طرح کے چند جوشیلے اور لٹے پٹے لوگوں کی صحبت میں بیٹھ کر پھر سے اسی تلخی، تیزی اور تندی سے انقلاب کی باتیں کرنے لگا۔
یہ سب لوگ اکثر تائی ایسری کی دوسری منزل میں میرے کمرے میں ملتے۔ چائے کا دور چلتا اور دنیا جہان کی باتیں ہوتیں اور میں جوش میں اپنا مکا ہوا میں لہرا کر کہتا۔ ہم سے انصاف نہیں ہو رہا ہے اور ان لوگوں سے انصاف کی توقع بھی نہیں ہے۔ یقیناً اس ملک میں پھر ایک انقلاب آئے گا اور ضرور آ کے رہے گا وہ انقلاب!
ایک دن تائی ایسری نے ہماری باتیں سن لیں تو گھبرائی گھبرائی اندر آئیں۔ بولیں : ’’بیٹا! کیا مسلمان یہاں پھر آئیں گے؟‘‘
’’نہیں تائی، تم سے کس نے کہا؟‘‘
’’تو تم یہاں کس انقلاب کا ذکر کر رہے ہو جو یہاں آئے گا؟‘‘
تائی نے انقلاب کو مسلمان سمجھا تھا، جب یہ بات ہماری سمجھ میں آئی تو ہم سب ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو گئے۔
’’کتنی بھولی ہے ہماری تائی۔ اری تائی، ہم تو اس انقلاب کا ذکر کر رہے ہیں جو نہ ہندو ہے نہ مسلمان ہے، جو سب کا انقلاب ہے۔ ہم تو اس انقلاب کو لانا چاہتے ہیں۔ ‘‘
مگر تائی کی سمجھ میں کچھ نہ آیا۔ وہ ہولے سے سر ہلا کر بولیں۔
’’اچھا تم لوگ باتیں کرو۔ میں تمہارے لئے چائے بنا کے لاتی ہوں۔ ‘‘
تائی نے میری مدد کرنے کے لئے اپنا سولہ تولے کا ایک گوکھرو بیچ دیا۔ اس رقم کو لے کر میں اپنی فیملی کے ساتھ دہلی آ گیا۔ کیونکہ جالندھر میں افراتفری تھی اور غیریقینی سی حالت ہر وقت چھائی رہتی تھی۔ دہلی آ کر میں نے پھر سے پریکٹس شروع کر دی۔ چند سالوں ہی میں میری پریکٹس پھر چمک اٹھی۔ میں قرول باغ میں پریکٹس کرتا تھا اور قرول باغ لاہور کے بہت سے ریفیوجیوں سے بھرا پڑا تھا جو مجھے جانتے تھے۔ ہولے ہولے میں نے اپنا اڈہ ٹھیک سے جما لیا۔ پریکٹس چمک اٹھی، دس سال میں میں نے قرول باغ میں اپنی کوٹھی کھڑی کر لی۔ گاڑی بھی خرید لی۔ اب قرول باغ کے سرکر دہ افراد میں میرا شمار ہوتا تھا۔ اب میں انقلاب کی باتیں بھول بھال گیا۔ میری خونی بواسیر بھی ٹھیک ہو گئی اور تلخی کے بجائے مزاج میں شگفتگی عود کر آئی جو ایک ڈاکٹر کے مزاج کے لئے از حد ضروری ہے۔
تیرہ سال کے بعد گزشتہ مارچ میں مجھے ایک عزیز کی شادی میں جالندھر جانا پڑا۔ اس تیرہ سال کے عرصہ میں، میں تائی ایسری کو بھول بھال گیا تھا۔ رشتہ دار تو اس وقت یاد آتے ہیں، جب مریض نہ ہوں۔ لیکن جالندھر پہنچتے ہی مجھے تائی ایسری کی یاد آئی۔ ان کے احسانات یاد آئے۔ وہ سونے کا گوکھرو یاد آیا، جسے بیچ کر میری پریکٹس چلانے کی رقم بہم پہنچائی گئی تھی اور وہ رقم میں نے آج تک تائی ایسری کو ادا نہیں کی تھی۔ جالندھر اسٹیشن پر اترتے ہی میں سیدھا تائی ایسری کے گھر چلا گیا۔
شام کا جھٹپٹا تھا، ہوا ایندھن کے دھوئیں، تیل کی بو اور گھر واپس آتے ہوئے بچوں کی آوازوں سے معمور تھی۔ جب میں تائی ایسری کے مکان کی نچلی منزل میں داخل ہوا۔ گھر میں اس وقت تائی کے سوا کوئی نہیں تھا۔ وہ اپنے گھر میں بھگوان کی مورتی کے سامنے گھی کا دیا جلائے پھول چڑھا کر ہاتھ جوڑ کر واپس گھوم رہی تھی، جب کہ انہوں نے میری آہٹ پا کر پوچھا۔
’’کون ہے؟‘‘
’’میں ہوں !‘‘میں نے کمرہ میں قدم آگے بڑھا کر مسکراتے ہوئے کہا۔
تائی دو قدم آگے بڑھیں، مگر مجھے پہچان نہ سکیں۔ تیرہ برس کا عرصہ بھی ایک عرصہ ہوتا ہے۔ اس عرصہ میں وہ بے حد نحیفو نزار ہو گئی تھیں۔ ان کا چہرہ بھی دبلا ہو گیا تھا اور وہ ہولے ہولے قدم اٹھاتی تھیں۔
’’میں رادھا کشن ہوں۔ ‘‘
’’جے کشن دا کاکا؟‘‘تائی کی آواز بھرا گئی۔ ممکن تھا وہ جلدی سے آگے بڑھنے کی کوشش میں گر پڑتیں۔ مگر میں نے انہیں جلدی سے تھام لیا اور وہ میرے بازو سے لگ کر رونے لگیں۔ انہوں نے میری بلائیں لیں، میرا منہ چوما، میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور بولیں :
’’اتنے دن کہاں رہے بیٹا؟ اپنی تائی کو بھی بھول گئے؟‘‘
انتہائی شرمندگی سے میرا سر جھک گیا۔ میں نے کچھ کہنا چاہا۔ مگر کچھ کہہ نہ سکا۔ تائی نے میری پریشانی کو فوراً بھانپ لیا۔ جلدی سے پھولے پھولے سانسوں میں اکھڑے اکھڑے لہجہ میں بولیں : ’’سروج راضی خوشی ہے نا؟‘‘
’’ہاں تائی۔ ‘‘
’’اور وڈا کاکا۔ ‘‘
’’ڈاکٹری میں پڑھتا ہے۔ ‘‘
’’اور نکا؟‘‘
’’کالج میں پڑھتا ہے۔ ‘‘
’’اور شانو اور بٹو؟‘‘
’’وہ دونوں بھی کالج میں پڑھتی ہیں۔ کملا کی میں نے شادی کر دی ہے!‘‘
’’میں نے بھی ساوتری کی شادی کر دی ہے۔ پورن اب رڑکی میں پڑھتا ہے۔ نمی اور بنی کے ماں باپ مل گئے تھے وہ آ کر ان کو چھ سال کے بعد لے گئے تھے۔ کبھی کبھی ان کی چٹھی پتری آ جاتی ہے۔ میرے پاس اب صرف گوپی رہ گیا ہے۔ اگلے سال وہ بھی ریلوے ورکشاپ میں کام سیکھنے کے لئے چلا جائے گا۔ ‘‘
یہ تائی کے ان یتیم بچوں کی داستان تھی جو انہوں نے فساد میں لے کر پالے تھے۔
میں نے ناخن سے اپنی ٹھوڑی کھجاتے کھجاتے کہا: ’’تائی وہ تیرا قرضہ مجھ پر باقی ہے، کیسے بتاؤں کتنا شرمندہ ہوں، اب تک نہ بھیج سکا۔ اب دلی جاتے ہی بھیج دوں گا۔ ‘‘
’’کیسا قرضہ بیٹا؟‘‘تائی نے حیران ہو کر پوچھا۔
’’وہی گوکھرو والا!‘‘
’’اچھا وہ؟‘‘یکایک تائی کو یاد آیا اور وہ بڑے میٹھے انداز میں مسکرانے لگیں۔ پھر میرے سر پر ہاتھ پھیر کر بولیں : ’’وہ تو تیرا قرضہ تھا بیٹا، جو میں نے چکا دیا!‘‘
’’میرا قرضہ کیسا تھا تائی؟‘‘میں نے حیران ہو کر پوچھا۔
’’یہ زندگی دوسروں کا قرضہ ہے بیٹا۔ ‘‘تائی سنجیدہ رو ہو کر بولیں : ’’اسے چکاتے رہنا چاہئے۔ تو کیا اس سنسار میں خود پیدا ہوا تھا؟ نہیں، تجھے تیرے ماں باپ نے زندگی دی تھی تو پھر تیری زندگی کسی دوسرے کا قرضہ ہوئی کہ نہیں ؟ پھر یہ قرضہ ہم نہیں چکائیں گے تو یہ دنیا آگے کیسے چلے گی۔ ایک دن پرلے (قیامت) آ جائے گی.... بیٹا۔ اسی لئے تو کہتی ہوں، میں نے تیرا قرضہ چکایا ہے تو کسی دوسرے کا قرضہ چکا دے.... ہر دم چکاتے رہنا، جیون کا دھرم ہے۔ ‘‘تائی اتنی لمبی بات کر کے ہانپنے لگیں۔
میں کیا کہتا، روشنی سے سایہ کہہ بھی کیا سکتا ہے؟ اسی لئے میں سب کچھ سن کر چپ ہو گیا۔ وہ بھی چپ ہو گئیں۔ پھر آہستہ سے بولیں : ’’اب میرے ہاتھ پاؤں کام نہیں کرتے، ورنہ تیرے لئے کھانا پکاتی۔ اب گوپی آئے گا تو کھانا بنائے گا تیرے لئے۔ کھانا کھا کر جانا.... میں ....‘‘
’’نہیں تائی اس کی کیا ضرورت ہے۔ وہاں بھی تیرا ہی دیا کھاتے ہیں۔ ‘‘میں نے آہستہ سے کہا: ’’میں یہاں تیج پال کی شادی پر آیا تھا۔ اسٹیشن سے سیدھا تمہارے گھر آ رہا ہوں۔ اب شادی والے گھر جاؤں گا۔ ‘‘
’’بلاوا تو مجھے بھی آیا ہے۔ مگر دو دن سے میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے، اس لئے میں نہیں جا سکتی۔ شگن میں نے بھیج دیا تھا، تم میری طرف سے تیج پال کے سر پر پیار دینا!‘‘
’’بہت اچھا تائی‘‘.... کہہ کر میں تائی کے چرنوں میں جھکا۔ انہوں نے مجھے بڑے پیار سے اپنے گلے لگا لیا۔ میرے سر پر ہاتھ پھیر کر سو سو دعائیں دے کر بولیں۔
’’بیٹا! میرا ایک کام کرو گے؟‘‘
’’حکم کرو تائی۔ ‘‘
’’کیا کل تم صبح آ سکتے ہو؟‘‘
’’کیا بات ہے تائی، اب میں تمہیں مل کے تو جا رہا ہوں۔ ‘‘
تائی جھجکتے جھجکتے بولیں : ’’میری آنکھیں کمزور ہو چکی ہیں۔ رات میں مجھے کچھ نظر نہیں آتا۔ ایسا جنم جلا اندھیرا چھایا ہے کہ کچھ نظر نہیں آتا۔ اگر تم صبح کسی وقت دن میں آ جاؤ تو میں تمہیں اچھی طرح دیکھ لوں گی۔ تیرہ سال سے تجھے نہیں دیکھا ہے کاکا!‘‘
میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ میں نے گلو گیر لہجے میں کہا۔
’’آ جاؤں گا تائی!‘‘
دوسرے دن بارات کے لوگ کچھ آنے والے تھے۔ صبح ہی ہم لوگوں کو پیشوائی کے لئے اسٹیشن پر جانا تھا۔ وہاں سے لوٹتے وقت مجھے یاد آیا۔ میں ان لوگوں سے معذرت کر کے تائی ایسری کے گھر کی طرف ہو لیا۔ گلی کے موڑ پر مجھے دو دو چار چار کی ٹولیوں میں لوگ سر جھکائے ملے۔ مگر میں جلدی جلدی سے قدم بڑھاتا ہوا آگے چلا گیا۔ مکان کی نچلی منزل پر مجھے اور بہت سے لوگ روتے ہوئے ملے۔ معلوم ہوا آج صبح تائی ایسری کی موت واقع ہو گئی اور جب ہم اسٹیشن گئے ہوئے تھے وہ چل بسی۔
اندر کمرے میں ان کی لاش پڑی تھی۔ ایک سفید چادر میں ملبوس، چہرہ کھلا رہنے دیا تھا۔ کمرہ میں کافور اور لوبان کی خوشبو تھی اور ایک پنڈت ہولے ہولے وید منتر پڑھ رہا تھا!
تائی ایسری کی آنکھیں بند تھیں اور ان کا معصوم بھورا بھورا چہرہ، پرسکون خاموش اور گہرے خوابوں میں کھویا ہوا ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے وہ تائی ایسری کا چہرہ نہ ہو، دھرتی کا پھیلا ہوا لا متناہی چہرہ ہو۔ جس کی آنکھوں سے ندیاں بہتی ہیں۔ جس کی ہر شکن میں لاکھوں وادیاں انسانی بستیوں کو اپنی آغوش میں لئے مسکراتی ہیں۔ جس کے انگ انگ سے بے غرض پیار کی مہک پھوٹتی ہے، جس کی معصومیت میں تخلیق کی پاکیزگی جھلکتی ہے، جس کے دل میں دوسروں کے لئے وہ بے پناہ مامتا جاگتی ہے جس کا مزہ کوئی کوکھ رکھنے والی ہستی ہی پہچان سکتی ہے۔
میں ان کے پاؤں کے قریب کھڑا ان کے چہرے کی طرف دیکھ رہا تھا۔ یکایک کسی نے آہستہ سے میرے شانے پر ہاتھ رکھا.... میں نے پلٹ کر دیکھا تو میرے سامنے ایک بائیس تیئس برس کا نوجوان کھڑا تھا۔ اس کی بڑی بڑی آنکھوں کو دیکھ کر معلوم ہوتا تھا کہ ابھی روئی ہیں، ابھی پھر رو دیں گی۔
اس نے آہستہ سے کہا: ’’میں گوپی ناتھ ہوں۔ ‘‘
میں سمجھ تو گیا، مگر خاموش رہا۔ کچھ سمجھ بھی نہیں آتا تھا کیا کہوں کیا نہ کہوں۔
’’میں تیج پال کے گھر آپ کو ڈھونڈنے گیا تھا۔ مگر آپ اسٹیشن پر گئے ہوئے تھے۔ ‘‘
وہ پھر بولا۔
میں پھر بھی چپ رہا!
گوپی ناتھ دھیرے سے بولا: ’’صبح تائی نے آپ کو بہت یاد کیا۔ انہیں معلوم تھا کہ آپ آنے والے ہیں۔ اس لئے وہ مرتے مرتے بھی آپ کا انتظار کرتی رہیں۔ آخر جب انہیں یقین ہو گیا کہ مرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور آپ نہیں آئیں گے تو انہوں نے مجھ سے کہا: جب میرا بیٹا رادھا کشن آئے تو اسے یہ دے دینا۔ ‘‘
یہ کہہ کر گوپی نے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا اور میری ہتھیلی پر ایک چونی رکھ دی۔
چونی دیکھ کر میں رونے لگا۔
مجھے نہیں معلوم۔ آج تائی ایسری کہاں ہیں، لیکن اگر وہ سورگ میں ہیں تو وہ اس وقت بھی یقیناً ایک رنگین پیڑھی پر بیٹھی اپنی پچھی سامنے کھول کر بڑے اطمینان سے دیوتاؤں کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے انہیں چونیاں ہی بانٹ رہی ہوں گی۔
٭٭٭

حجِ اکبر

سعادت حسن منٹو

امتیاز صغیر کی شادی ہوئی تو شہر بھر میں دھوم مچ گئی، آتش بازیوں کا رواج باقی نہیں رہا تھا مگر دولہے کے باپ نے اس پرانی عیاشی پر بے دریغ روپیہ صرف کیا، جب صغیر زیوروں سے لدے پھندے سفید براق گھوڑے پر سوار تھا تو اس کے چاروں طرف انار چھوٹ رہے تھے، مہتابیاں اپنے رنگ برنگ شعلے بکھیر رہی تھیں، پٹاخے چھوٹ رہے تھے، صغیر خوش تھا۔
صغیر نے امتیاز کو ایک شادی کی تقریب میں دیکھا تھا، اس کی جھلک اسے دکھائی دی تھی، مگر وہ اس پر سو جان سے فریضہ ہو گیا، اور اس نے دل میں عہد کر لیا کہ وہ اس کے علاوہ کسی کو اپنی رفیقہ حیات نہیں بنائے گا، چاہے دنیا ادھر کی ادھر نہ ہو جائے، دنیا ادھر کی ادھر نہ ہوئی، صغیر نے امتیاز کے راستے ڈھونڈ لئے شروع شروع میں اس خوبرو لڑکی کے حجاب آڑے آیا، لیکن بعد میں صغیر کو اس کا التفات حاصل ہو گیا۔
صغیر بہت مخلص دل کا نوجوان تھا، اس میں ریا کاری نام کو بھی تھی، اس کو امتیاز سے محبت ہو گئی تو اس نے یہ سمجھا کہ اسے اپنی زندگی کا اصل مقصد حاصل ہو گیا، اس کو اس بات کی کوئی فکر نہیں تھی کہ امتیاز اسے قبول کرے گی یا نہیں وہ اس قسم کا آدمی تھا کہا اپنی محبت کے جذبے کے سہارے ساری زندگی بسر کر دیتا، اس کو جب امتیاز سے پہلی بار بات کرنے کا موقع ملا تو اس نے گفتگو کی ابتدا ہی ان الفاظ سے کی، دیکھو لالی، میں ایک نا محرم آدمی ہوں، میں نے مجبور کیا ہے تم مجھ سے ملو، اب اس ملاپ کا انجام بھی نیک ہونا چاہئیے، یہ میرے ضمیر اور دل کی اکھٹی آواز ہے، تم بھی وعدہ کرو کہ جب تک میں زندہ ہوں مجھے کوئی آزار نہیں پہنچاؤ گی اور میری موت کے بعد بھی مجھے یاد کرتی رہو گی، اس لئے کہ قبر میں بھی میری سوکھی ہڈیاں تمہارے پیار کی بھوکی ہوں گی۔
امتیاز نے دھڑکتے ہوئے دل سے وعدہ کیا کہ وہ اس عہد پر قائم رہے گی، اس کے بعد ان دونوں میں چھپ چھپ کے ملاقاتیں رہیں، صغیر مطمئن تھا کہ امتیاز اس کی محبت کی دعوت قبول کر چکی ہے، اس لئے اب اور زیادہ گفتگو کرنے کی ضرورت تھی، ویسے وہ بھی اپنی محبوبہ سے ملنا اس لئے ضروری سمجھتا تھا کہ وہ اس کے عادات و خصائل سے واقف ہو جائے اور وہ بھی اس کو اچھی جان پہچان لے تاکہ وہ اس خصلت کا اندازہ کر سکے اور اس کو شکایت کا کوئی موقع نہ ملے، اس نے ایک دن امتیاز سے بڑے غیر عاشقانہ انداز میں کہا، نازی میں اب بھی تم سے کہتا ہوں کہ اگر تم نے مجھ میں کوئی خامی دیکھی ہے اگر میں تمہارے معیار پر پورا نہیں اترا تو مجھے سے صاف صاف کہہ دو، تم کسی بندھن میں گرفتار نہیں ہو، تم مجھے دھتکار تو مجھے کوئی شکایت نہیں ہو گی، میری محبت میرے لئے کافی ہے، میں اس کے اور ان ملاقاتوں کے سہارے کافی دیر تک جی سکتا ہوں۔
امتیاز اس سے بہت متاثر ہوئی اس کا جی چاہا کہ صغیر کو اپنے گلے سے لگا کر رونا شروع کر دے مگر وہ اسے نا پسند کرتا تھا، اس لئے اس نے اپنے جذبات اندر ہی مسل ڈالے، وہ چاہتی تھی کہ صغیر اس سے فلسفانہ باتیں نہ کریں، لیکن کبھی کبھی اس طور رپ بھی اس سے پیش آئے، جس طرح فلموں میں ہیرو اپنی ہیروئن سے پیش آتا ہے، مگر صغیر کو ایسی عامیانہ حرکت سے نفرت تھی۔
پہلی رات کو حجلہ عروسی میں جب صغیر داخل ہوا تو امتیاز چھینک مار رہی تھی، وہ بہت متفکر ہوا امتیاز کو بلا شبہ زکام ہو رہا تھا لیکن وہ نہیں چاہتی تھی کہ اس کا خاوند اس معمولی سے عارضے کی طرف متوجہ ہو کر اس کی تمام امنگوں کو فراموش کر دے وہ سرتاپا سپردگی تھی مگر صغیر کو اس بات کی تشویش تھی کہ امتیاز اس کی جان سے زیادہ عزیز ہستی علیل ہے، چنانچہ اس نے فوراً ڈاکٹر بلوایا، جو دوائیاں اس نے تجویز کیں بازار سے خرید کر لایا، اور اپنی نئی دلہن کو جس کو ڈاکٹر کی آمد سے کوئی دلچسپی تھی نہ اپنے خاوند کی تیمار داری سے مجبور کیا کہ وہ انجکشن لگوائے اور چار چار گھنٹے کے بعد دار پئے، زکام کچھ شدید قسم کا تھا اس لئے چار دن اور چار راتیں صغیر اپنی دلہن کی تیمار داری میں مصروف رہا، امتیاز چڑ گئی، وہ جانے کیا سوچ کر عروسی جورا پہن کر صغیر کے گھر آئی تھی، مگر وہ بے کار، اس کے زکام کو درست کرنے کے پیچھے کے پیچھے پڑا ہوا تھا، جیسے دلہا دلن کے لئے بس ایک یہی چیز اہم ہے باقی اور باتیں سب فضول ہیں۔
تنگ آ کر ایک دن اس نے اپنے ضرورت سے زیادہ شریف شوہر سے کہا، آپ چھوڑئیے میرے معالجے کو، میں اچھی بھلی ہوں، پھر اس نے دعوت بھری نگاہوں سے اس کی طرف دیکھا میں دلہن ہو آپ کے گھر آئی ہوں، اور آپ نے اسے اسپتال بنا دیا ہے، صغیر نے بڑے پیار سے دلہن کا ہاتھ دبایا اور مسکرا کر کہا، نازی خدا نہ کرے کہ یہ کوئی اسپتال ہو، یہ میرا گھر نہیں تمہارا گھر ہے، اس کے بعد امتیاز کو جو فوری شکایت تھی وہ دور ہو گئی، اور شیر و شکر ہو کر رہنے لگے صغیر اس سے محبت کرتا تھا لیکن اس کو ہمیشہ امتیاز کی صحت اس کے جسم کی خوبصورتیوں اور اس کو ترو تازہ دیکھنے کا خیال رہتا تھا، وہ اسے کانچ کے نازک پھولدان کی طرح سمجھتا تھا، جس کے متعلق ہر وقت یہ خدشہ ہو کہ ذرا سی بے احتیاطی سے ٹوٹ جائے گا، امتیاز اور صغیر کا رشتہ دوہرا تھا دو بھائی اصغر حسین اور امجد حسین تھے، کھاتے پیتے تاجر، صغیر بڑے بھائی اصغر حسین کا لڑکا تھا اور امتیاز امجد حسین کی بیٹی تھی، اب یہ دنوں میاں بیوی تھے، شادی سے پہلے دونوں بھائیوں میں کچھ اختلافات تھے جو اب دور ہو گئے۔
امتیاز کی دو بہنیں اور تھیں اور جو اس پر جان چھڑکتی تھیں، امتیاز کا بیاہ تو ہوا ان دونوں کی باری قدرتی طور پر آ گئی، وہ اپنے گھروں میں آبا خوش تھیں، کبھی کبھی امتیاز سے ملنے آتیں، اور صغیر کے اخلق سے متاثر ہوتیں ان کی نظر میں وہ آئیڈیل شوہر ہے۔
دو برس گزر گئے امتیاز کے ہاں کوئی بچہ نہ ہوا دراصل چاہتا تھا کہ اتنی چھوٹی عمر میں وہ اولاد کے بکھیڑوں میں نہ پڑے، ان دنوں کے دن کے ابھی کھیلنے کودنے کے تھے، صغیر ہر روز اسے سینما لے جاتا باغوں کی سری کراتا، نہر کے کنارے کنارے سے اسکے ساتھ ساتھ چہل قدمی کرتا، اس کی ہر آسائش کا خیال تھا، بہترین کھانے، اچھے سے اچھا باورچی اگر امتیاز کبھی باورچی خانے کا رخ کرتی تو وہ اسے کہتا تازی انگیٹھیوں میں پتھر کے کوئے جلتے ہیں، ان کی بو بہت بری ہوتی ہے، اور صحت کے لئے نا مفید، میری جان تم اندر نہ جایا کرو، دو نوکر ہیں، کھانے پکانے کا کام جب تم نے ان کے سپرد کر رکھا ہے تو اس زحمت کی کیا ضرورت ہے، امتیاز مان جاتی۔
سردیون میں صغیر کا بڑا بھائی اکبر جو نیروبی میں ایک عرصہ مقیم تھا اور ڈاکٹر تھا کسی کام کے سلسلے میں کراچی آیا ہوا تھا تو اس نے سوچا کہ چلو لاہور صغیر سے مل آئیں بذریعہ ہوائی جہاز لاہور پہنچا اور اپنے چھوٹے بھائی کے پاس ٹھہرا، وہ صرف چار روز کے لئے آیا کہ ہوائی جہان میں اس کی سیٹ پانچویں دن کی بک تھی، مگر جب اس کی بھابی نے جو اس کی آمد پر خوش ہوئی تھی، اصرار کیا تو چھوٹے بھائی صغیر نے اس سے کہا، بھائی جان آپ اتنی دیر کے بعد آئے ہیں کچھ دن اور ٹھہر جائیے، میری شادی میں آپ شریک ہوئے تھے جتنے آپ فالتو ٹھہریں گے اتنا جرمانہ سمجھ لیجے گا، امتیاز مسکرائی اور اکبر سے مخاطب ہوئی، اس تو آپ کو ٹھہرنا ہی پڑے گا اور پھر مجھے آپ نے شادی پر کوئی تحفہ بھی تو نہیں دیا، میں جب تک وصول نہیں کر لوں گی آپ کیسے جا سکتے ہیں اور آپ کو میں جانے بھی کب دوں گی۔
دوسرے روز اکبر اس کو ساتھ لے گیا اور سچے موتیوں کا ایک ہار لے دیا، صغیر نے اپنے بڑے بھائی کا شکریہ ادا کیا، اس لئے کہ ہار بہت قیمتی تھا کم از کم پانچ ہزار کا ہو گا ہی، اسی دن اکبر نے واپسی نیروبی جانے کا ارادہ ظاہر کیا اور صغیر سے کہا کہ وہ ہوائی جہاز میں اس کے ٹکٹ کا بندوبست کر دے اس لئے کے اس کی لاہور شہر میں کافی واقفیت تھی اکبر نے اس کو روپے دئیے مگر اس نے کو درانہ انداز میں کہا، آپ ابھی اپنے پاس رکھئے میں لے لوں گا، اور ٹکٹ کا بندوبست کرنے چلا گیا، اسے کوئی دقت نہ ہوئی اس لئے کہ ہوائی جہاز سروس کا ایک جنرل مینیجر اس کا دوست تھا اس نے فوراً ٹکٹ لے دیا، صغیر کچھ دیر اس کے ساتھ بیٹھا گپ لڑا تا رہا اس کے بعد گھر کا رخ کیا، موٹر گیراج میں بند کر کے وہ اندر داخل ہوا لیکن فوراً باہر نکل آیا، گراج سے موٹر نکالی اور اس میں بیٹھ کے جانے کہا روانہ ہو گیا، اکبر اور امتیاز دیر تک اس کا انتظار کرتے رہے مگر وہ نہ آیا انہوں نے موٹر کے آنے اور گیراج میں بند ہونے کی آواز سنی تھی، مگر انہوں نے سوچا کہ شاید ان کے کانوں کو دھوکا ہوا تھا، اس لئے کہ صغیر موجود تھا نہ اس کی موٹر وہ غائب ہو گیا تھا؟ اکبر کو واپس جانا تھا، مگر اس نے ایک ہفتہ انتظار کیا ادھر ادھر کئی جگہ پوچھ گچھ کی پولیس میں رپورٹ لکھوائی مگر صغیر کی کوئی سن گن نہ ملی، آخری دن جب کہ اکبر جا رہا تھا پولیس اسٹیشن سے اطلاع ملی کہ پی بی ایل 100591 نمبر کی موٹر کار جس کے ایک خانے میں صغیر اختر نام کے لائسنس نکلا ہے، ہوائی اڈے کے باہر کئی دنوں سے پڑی ہے، دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ اکبر امجد حسین نام کے ایک آدمی نے آٹھ روز پہلے ہوائی جہاز میں نیروبی کا سفر کیا ہے، اکبر کی سیٹ نیروبی کے لئے بک تھی امتیاز سے رخصت لے کر جب وہ کنیا پہنچا تو اسے بڑی مشکلوں کے بعد صرف اتنا پتہ ایک صاحب جن کا نام اکبر امجد تھا ہوائی جہاز کے ذریعے سے یہاں پہچنے تھے ایک ہوٹل میں دور روز ٹھہرے اس کے بعد چلے گئے۔
اکبر نے بہت تلاش کی مگر کوئی پتہ نہ چلا اس دوران میں اس کو امتیاز کے کئی خطوط آئے، پہلے دو تین خطوں کی تو اس نے رسید بھیجی اس کے بعد جو بھی خط آیا پھاڑ دیتا تاکہ اس کی بیوی نہ پڑھ لے، دس برس گزر گئے امجد حسین یعنی امتیاز کا باپ بہت پریشان تھا، بہت لوگوں کا خیال تھا کہ صغیر مر کھپ چکا ہے مگر امجد حسین کا دل نہیں مانتا تھا۔
کہیں اس کی لاش ہی مل جاتی، خود کشی کرنے کی کیا وجہ ہو سکتی ہے ؟ بڑا نیک، شریف اور برخوردار لڑکا تھا، امجد کو اس سے بہت محبت تھی، ایک ہی بات اس کی سمجھ میں آئی تھی کہ اس کی بیٹی امتیاز نہ کہیں اس جیسے ذکی الحس آدمی کو اسیے ٹھیس نہ پہنچائی ہو کہ وہ دل شکستہ ہو کر کہیں رو پوش ہو گیا ہے، چنانچہ اس نے امتیاز سے کئی مرتبہ اس بار میں پوچھا مگر وہ صاف منکر ہو گئی، خدا اور رسول کی قسمیں کھا کر اس نے اپنے باپ کی تشفی کر دی، کہ اس سے اسی کوئی حرکت سرز نہیں ہوئی اکثر اوقات وہ روتی تھی، اس کو صغیر یاد آتا تھا، اس کی نرم و نازک محبت یاد آتی تھی، اس کو وہ دھیما دھیما نیسم سحری کا سلوک یاد آتا تھا، جو اس کی فطرت تھی، نیا پیرا امجد کا ایک دوست حج کو گیا، واپس آیا تو اس نے اس کو یہ خوشخبری سنائی کہ صغیر زندہ ہے اور ایک عرصے سے مکے میں مقیم ہے امجد حسین کو ہوش ہوا، اس کو اس کے دوست نے صغیر ہندی کا پتا دیا تھا، اس نے اپنی بیٹی کو تیار کیا کہ وہ اس کے ساتھ حجاز چلے، فوراً ہوائی جہاز کا سفر کا انتظام کیا، امتیاز ساتھ جانے کو تیار نہ تھی، اس کو جھجھک سی محسوس ہو رہی تھی۔
بہر حال باپ بیٹی سرزمین حجاز میں پہنچے، ہر مقدس مقام کی زیارت کی، امجد حسین نے ایک ایک کونہ چھان مارا مگر صغیر کا پتہ نہ چلا، چند آدمیوں سے جو اس کو جانتے تھے، صرف اتنا معلوم ہوا کہ وہ آپ کی آمد سے دس روز پہلے، کیونکہ اسے کسی نہ کسی طریق معلوم ہو چکا تھا، کہ آپ تشریف لا رہے ہیں، کھڑکی دے کود اور گر کر ہلاک ہو گیا، مرنے سے پہلے چند لمحات اس کے ہونٹوں پر ایک لفظ کانپ رہا تھا غالباً امتیاز تھا۔
اس کی قبر کہاں ہے وہ کب اور کیسے دفن ہوا اس کے متعلق صغیر کے جاننے والوں نے کچھ نہ بتایا، یہ ان کے علم میں نہیں تھا، امتیاز کو یقین ہو گیا کہ اس کے خاوند نے خودکشی کر لی ہے، اس کو شادی اس کا سبب معلوم تھا، مگر اس کا باپ یہ ماننے سے یکسر منکر تھا، چنانچہ اس نے ایک بار اپنی بیٹی سے کہا میرا دل کہتا ہے وہ زندہ ہے، وہ تمہاری محبت کی خاطر اس وقت تک زندہ رہے گا جب تک خدا اس کو موت کے فرشتے کے حوالے نہ کر دے، میں اس کو اچھی طرح سمجھتا تمہاری جگہ اگر وہ میرا بیٹا ہوتا تو میں خود کو دنیا کا سب سے خوش نصیب انسان سمجھتا، یہ سن کر امتیاز خاموش رہی۔
دونوں سرزمین حجاز سے بے نیل و مرام واپس آ گئے، ایک برس گزر گیا، اس دوران میں امجد حسین بڑی مہلک بیماری یعنی دل کے عارضے میں گرفتار ہوا اور وفات پا گیا، مرتے وقت اس نے اپنی بیٹی کو کچھ کہنا چاہا مگر وہ شاید بڑی اذیت دہ تھی کہ وہ خاموش رہا اور صرف سرزنس بھری نگاہوں سے امتیاز کو دیکھتے دیکھتے مر گیا، اس کے بعد امتیاز اپنی بہن ممتاز کے پاس راولپنڈی چلی گئی، ان کی کوٹھی کے سامنے ایک اور کوٹھی تھی، جس میں ایک ادھیڑ عمر کا مرد بہت تھکا تھکا سا دکھائی دیتا تھا، دھپو تاپتا اور کتابیں پڑھتا رہتا تھا، ممتاز اس کو ہر روز دیکھتی، ایک دن اس نے امتیاز سے کہا، مجھے ایسا معلوم ہوتا ہے یہ صغیر ہے، کیا تم نہیں پہچان سکتی ہو، وہ ناک نقشہ متانت وہی سنجدگی، امتیاز نے اس آدمی کی طرف غور سے دیکھا ایک دم چلائی ہاں ہاں وہی ہے پھر فوراً رک گئی، لیکن وہ کیسے ہو سکتے ہیں وہ تو وفات پا چکے ہیں۔
انہیں دنوں ان کی چھوٹی بہن شہناز بھی آ گئی ممتاز اور امتیاز نے ان کو قبل از وقت مرجھایا اور افسردہ مرد دکھایا جس کی داڑھی کھچڑی تھی، اور اس سے پوچھا تم بتاؤ اس کی شکل صغیر سے ملتی ہے یا نہیں ؟ شہناز نے اس کو بڑی گہری نظروں سے دیکھا اور فیصلہ کن لہجے میں کہا، شکل ملتی کی ہے یہ خود صغیر ہے سونی صدی صغیر اور یہ کہہ کہ وہ سامنے والی کوٹھی میں داخل ہو گئی وہ شخص کتاب پڑھنے میں مشغول تھا چونکا، شہناز جس نے شادی کے موقع پر اس کی جوتی چرائی تھی، اسی پرانے انداز میں کہا، جناب آپ کب تک چھپے رہیں گے ؟
اس شخص نے شہناز کی طرف دیکھا اور بڑی سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے پوچھا آپ کون ہیں ؟
شہناز طراز تھی اس کے علاوہ اس کو یقین تھا کہ جس سے وہ ہم کلامی ہے وہ اس کا بہنوئی ہے چنانچہ اس نے بڑے نوکیلے لہجے میں کہا جناب میں آپ کی سالی شہناز ہوں، اس شخص نے شہناز کو سخت نا امید کی اس نے کہا، مجھے افسوس ہے کہ آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے، اس کے بعد شہناز نے اور بہت سے باتیں کیں مگر اس نے بڑے ملائم انداز میں اس سے جو کچھ کہا، اس کا یہ مطلب تھا کہ تم ناحق اپنا وقت ضائع کر رہی ہوں، میں تمہیں جانتا ہوں نہ تمہاری بہن کو جس کے متعلق تم کہتی ہو کہ میری بیوی ہے، میری بیوی اپنی زندگی میں ہے ار میں ہی اس کا خاوند ہو۔
شہناز اور ممتاز کو معلوم ہو گیا تھا کہ وہ امتیاز کے متعلق تمام معلومات حاصل کرتا ہے، ان کو یہ بھی پتہ چل گیا تھا کہ اس پر اسرار مرد کے نوکر کے ذریعے سے کہ وہ راتوں کو اکثر روتا ہے نمازیں پڑھتا ہے اور دعائیں مانگتا ہے کہ زندہ رہے وہ چاہتا ہے کہ اس کو جو اذیت پہنچی ہے اس سے دیر تک لطف اندوز ہوتا رہے، نوکر حیران تھا کہ انسان کی زندگی میں ایسی کون سی تکلیف ہو سکتی ہے، جس سے وہ حظ اٹھا سکتا تھا، سب باتیں امتیاز سنتی تھی اور اس کے دل میں یہ خواہش پیدا ہوئی تھی کہ مر جائے، چنانچہ اس نے جب یہ سنا کہ وہ شخص جس کو امتیاز اچھی طرح پہچانتی تھی، اس کے نام سے قطعاً نا آشنا ہے تو اس نے ایک روز افیم کھا لی اور یہ ظاہر کیا کہ اس کے سر میں درد ہے اور اکیلی آرام کرنا چاہتی ہے، وہ آرام کرنے چلی گئی لیکن شہناز نے جب اس کو غنودگی کے عالم میں دیکھا تو اسے شبہ ہوا اس نے ممتاز سے بات کی، اس کا ماتھا بھی ٹھنڈا کمرے میں جا کر دیکھا تو امتیاز بالکل بے ہوش پڑی تھی، اس کو جھنجھوڑا مگر نہ جاتی شہناز دوڑی دوڑی سامنے کوٹھی میں گئی اور اس شخص جس کا نام راولپنڈی میں کسی کو نا معلوم تھا، سخت گھبراہٹ میں یہ اطلاع دی کہ اس کی بیوی نے زہر کھا لیا ہے، اور مرنے کے قریب ہے، یہ سن کر اس نے اتنا کہا آپ کو غلط فہمی ہے وہ میری بیوی نہیں ہے، لیکن میرے ہاں اتفاق سے ایک ڈاکٹر آیا ہوا ہے، آپ چلیئے میں اسے بھیج دیتا ہوں۔
شہناز گئی تو وہ اندر کوٹھی میں گیا اور اپنے بھائی اکبر سے کہا، یہ جو کوٹھی سامنے ہے اس میں کسی عورت نے زہر کھا لیا ہے، بھائی جان آپ جلدی سے جائیے، اور کوشش کیجئے کہ بچ جائے، اس کا بھائی جو نیروبی میں بہت بڑا ڈاکٹر تھا امتیاز کو نہ بچا سکا دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا تو اس کا رد عمل بہت مختلف تھا، امتیاز فوراً مر گئی اور اکبر اپنا بیگ لے کر واپس چلا گیا، صغیر نے اس سے پوچھا کیا حال ہے مریضہ کا؟
اکبر نے جواب دیا مر گئی، صغیر نے اپنے ہونٹ بھینچ کر بڑے مضبوط لہجے میں کہا میں زندہ رہوں گا، لیکن ایک دم سنگین فرش پر لڑکھڑانے کے بعد گرا اور جب اکبر نے اس کی نبض دیکھی تو وہ ساکت تھی۔
٭٭٭

پرمیشر سنگھ

احمد ندیم قاسمی

اختر اپنی ماں سے یوں اچانک بچھڑ گیا جیسے بھاگتے ہوئے کسی جیب سے روپیہ گر پڑے۔ ابھی تھا اور ابھی غائب۔ ڈھنڈیا پڑی مگر بس اس حد تک کہ لٹے پٹے قافلے کے آخری سرے پر ایک ہنگامہ صابن کی جھاگ کی طرح اٹھا اور بیٹھ گیا۔ ’’کہیں آ ہی رہا ہو گا۔ ‘‘ کسی نے کہہ دیا ’’ہزاروں کا تو قافلہ ہے‘‘ اور اختر کی ماں اس تسلی کی لاٹھی تھامے پاکستان کی طرف رینگتی چلی آئی تھی۔ ’’آ ہی رہا ہو گا‘‘ وہ سوچتی ’’کوئی تتلی پکڑنے نکل گیا ہو گا اور پھر ماں کو نہ پا کر رویا ہو گا اور پھر۔ پھر اب کہیں آ ہی رہا ہو گا۔ سمجھ دار ہے پانچ سال سے تو کچھ اوپر ہو چلا ہے۔ آ جائے گا وہاں پاکستان میں ذرا ٹھکانے سے بیٹھوں گی تو ڈھونڈ لوں گی۔ ‘‘
لیکن اختر تو سرحد سے کوئی پندرہ میل دور اُدھر یونہی بس کسی وجہ کے بغیر اتنے بڑے قافلے سے کٹ گیا تھا۔ اپنی ماں کے خیال کے مطابق اس نے تتلی کا تعاقب کیا یا کسی کھیت میں سے گنّے توڑنے گیا اور توڑتا رہ گیا۔ بہر حال وہ جب روتا چلاتا ایک طرف بھاگا جا رہا تھا تو سکھوں نے اسے گھیر لیا تھا اور اختر نے طیش میں آ کر کہا تھا ’’میں نعرۂ تکبیر ماروں گا‘‘ اور یہ کہہ کر سہم گیا تھا۔
سب سکھ بے اختیار ہنس پڑے تھے، سوائے ایک سکھ کے، جس کا نام پرمیشر سنگھ تھا۔ ڈھیلی ڈھالی پگڑی میں سے اس کے الجھے ہوئے کیس جھانک رہے تھے اور جوڑا تو بالکل ننگا تھا۔ وہ بولا ’’ہنسو نہیں یارو، اس بچے کو بھی تو اس واہ گورو نے پیدا کیا ہے جس نے تمھیں اور تمھارے بچوں کو پیدا کیا ہے۔ ‘‘
ایک نوجوان سکھ جس نے اب تک اپنی کرپان نکال لی تھی، بولا ’’ذرا ٹھہر پرمیشر‘‘ کرپان اپنا دھرم پورا کر لے، پھر ہم اپنی دھرم کی بات کریں گے۔ ‘‘
’’مارو نہیں یارو‘‘ پرمیشر سنگھ کی آواز میں پکار تھی۔ اسے مارو نہیں اور وہ بری طرح ہانپ رہا تھا۔
اختر کے پاس آ کر وہ گھٹنوں کے بل بیٹھ گیا اور بولا۔
’’نام کیا ہے تمھارا؟‘‘
’’اختر‘‘۔ ۔ ۔ اب کی اختر کی آواز بھرائی ہوئی نہیں تھی۔
’’اختر بیٹے‘‘ پرمیشر سنگھ نے بڑے پیار سے کہا۔
’’ذرا میری انگلیوں میں جھانکو تو‘‘
اختر ذرا سا جھک گیا۔ پرمیشر سنگھ نے دونوں ہاتھوں میں ذرا سی جھری پیدا کی اور فوراً بند کر لی ’’آہا‘‘ اختر نے تالی بجا کر اپنے ہاتھوں کو پرمیشر سنگھ کے ہاتھوں کی طرح بند کر لیا اور آنسوؤں میں مسکرا کر بولا۔ ’’تتلی‘‘
’’لو گے؟‘‘ پرمیشر سنگھ نے پوچھا۔
’’ہاں ‘‘ اختر نے اپنے ہاتھوں کو ملا۔
’’لو‘‘ پرمیشر سنگھ نے اپنے ہاتھوں کو کھولا۔ اختر نے تتلی کو پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ راستہ پاتے ہی اڑ گئی اور اختر کی انگلیوں کی پوروں پر اپنے پروں کے رنگوں کے ذرّے چھوڑ گئی۔ اختر اداس ہو گیا اور پرمیشر سنگھ دوسرے سکھوں کی طرف دیکھ کر بولا ’’سب بچے ایک سے کیوں ہوتے ہیں یارو! کرتارے کی تتلی بھی اڑ جاتی تھی یوں ہی منھ لٹکا لیتا تھا۔ ۔ ۔ ‘‘
’’پرمیشر سنگھ تو آدھا پاگل ہو گیا ہے۔ ‘‘ نوجوان سکھ نے ناگواری سے کہا اور پھر سارا گروہ واپس جانے لگا۔
پرمیشر سنگھ نے اختر کو کنارے پر بٹھا لیا اور جب اسی طرف چلنے لگا جدھر دوسرے سکھ گئے تھے تو اختر پھڑک پھڑک کر رونے لگا ’’ہم اماں پاس جائیں گے۔ اماں پاس جائیں گے‘‘ پرمیشر سنگھ نے ہاتھ اٹھا کر اسے تھپکنے کی کوشش کی مگر اختر نے اس کا ہاتھ جھٹک دیا پھر جب پرمیشر سنگھ نے اس سے یہ کہا کہ ’’ہاں ہاں بیٹے‘‘ تمھیں تمھاری اماں پاس لیے چلتا ہوں۔ تو اختر چپ ہو گیا۔ صرف کبھی کبھی سسک لیتا تھا اور پرمیشر سنگھ کی تھپکیوں کو بڑی ناگواری سے برداشت کرتا جا رہا تھا۔
پرمیشر سنگھ اسے اپنے گھر میں لے آیا۔ پہلے یہ کسی مسلمان کا گھر تھا۔ لٹا پٹا پرمیشر سنگھ جب ضلع لاہور سے ضلع امرت سر میں آیا تھا تو گاؤں والوں نے اسے یہ مکان الاٹ کر دیا تھا وہ اپنی بیوی اور بیٹی سمیت جب اس چار دیواری میں داخل ہوا تھا، ٹھٹھک کر رہ گیا تھا۔ اس کی اتنا ذرا سا تو ہے اور اسے بھی تو اسی واہگورو جی نے پیدا کیا ہے جس نے۔ ۔ ۔ ‘‘
’’پوچھ لیتے ہیں اسی سے‘‘۔ ۔ ۔ ایک اور سکھ بولا پھر اس نے سہمے ہوئے اختر کے پاس جا کر کہا۔ ۔ ۔ ’’بولو تمھیں کس نے پیدا کیا ہے؟ خدا نے کہ واہگورو جی نے؟‘‘
اختر نے ساری خشکی کو نگلنے کی کوشش کی جو اس کی زبان کی نوک سے لے کر اس کی ناف تک پھیل چکی تھی، آنکھیں جھپک کر اس نے ان آنسوؤں کو گرا دینا چاہا جو ریت کی طرح اس کے پپوٹوں میں کھٹک رہے تھے۔ اس نے پرمیشر سنگھ کی طرف یوں دیکھا جیسے ماں کو دیکھ رہا ہے۔ منھ میں گئے ہوئے ایک آنسو کو تھوک ڈالا اور بولا۔ ’’پتہ نہیں۔ ‘‘
’’لو اور سنو‘‘ کسی نے کہا اور اختر کو گالی دے کر ہنسنے لگا۔
اختر نے ابھی اپنی بات پوری نہیں کی تھی، بولا۔ ۔ ۔ ’’اماں تو کہتی ہے میں بھوسے کی کوٹھری میں پڑا ملا تھا۔ ‘‘
سب سکھ ہنسنے لگے مگر پرمیشر سنگھ بچوں کی طرح بلبلا کر کچھ یوں رویا کہ دوسرے سکھ بھونچکا سے رہ گئے اور پرمیشر سنگھ رونی آواز میں جیسے بین کرنے لگا۔ ۔ ۔ ’’سب بچے ایک سے ہوتے ہیں یارو۔ میرا کرتار ابھی تو یہی کہتا تھا وہ بھی تو اس کی ماں کو بھوسے کی کوٹھری میں پڑا ملا تھا۔ ‘‘
کرپان میان میں چلی گئی۔ سکھوں نے پرمیشر سنگھ سے الگ تھوڑی دیر کھُسر پھُسر کی۔ پھر ایک سکھ آگے بڑھا۔ بلکتے ہوئے اختر کو بازو سے پکڑے وہ چپ چاپ روتے ہوئے پرمیشر سنگھ کے پاس آیا اور بولا۔ ۔ ۔ ’’لے پرمیشرے‘‘ سنبھال اسے، کیس بڑھوا کر اسے اپنا کرتارا بنا لے۔ ۔ ۔ لے پکڑ‘‘۔
پرمیشر نے اختر کو یوں جھپٹ کر اٹھا لیا کہ اس کی پگڑی کھل گئی اور کیسوں کی لٹیں لٹکنے لگیں۔ اس نے اختر کو پاگلوں کی طرح چوما۔ اسے اپنے سینے سے بھینچا اور پھر اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اور مسکرا مسکرا کر کچھ ایسی باتیں سوچنے لگا جنھوں نے اس کے چہرے کو چمکا دیا پھر اس نے پلٹ کر دوسرے سکھوں کی طرف دیکھا۔ اچانک وہ اختر کو نیچے اتار کر سکھوں کی طرف لپکا، مگر ان کے پاس سے گزر کر دور تک بھاگا چلا گیا۔ جھاڑیوں کے ایک جھنڈ میں بندروں کی طرح کودتا اور چھپتا رہا اور اس کے کیس اس کی لپک جھپٹ کا ساتھ دیتے رہے۔ دوسرے سکھ حیران کھڑے دیکھتے رہے، پھر وہ ایک ہاتھ کو دوسرے ہاتھ میں رکھے بھاگتا ہوا واپس آیا۔ اس کی بھیگی ہوئی داڑھی میں پھنسے ہوئے ہونٹوں پر مسکراہٹ تھی اور سرخ آنکھوں میں چمک تھی۔ آنکھیں پتھرا سی گئی تھیں اور وہ بڑی پر اسرار سرگوشی میں بولا تھا۔ ’’یہاں کوئی چیز قرآن پڑھ رہی ہے۔ ‘‘
گرنتھی جی اور گاؤں کے دوسرے لوگ ہنس پڑے تھے۔ پرمیشر سنگھ کی بیوی نے انھیں پہلے سے بتا دیا تھا کہ کرتار سنگھ کے بچھڑتے ہی انھیں کچھ ہو گیا ہے۔ ’’جانے کیا ہو گیا ہے اسے‘‘ اس نے کہا تھا۔ واہگورو جی جھوٹ نہ بلوائیں تو وہاں دن میں کوئی دس بار تو یہ کرتار سنگھ کو گدھوں کی طرح پیٹ ڈالتا تھا۔ اور جب سے کرتار سنگھ بچھڑا ہے تو میں تو خیر رو دھو لی پر اس کا رونے سے بھی جی ہلکا نہیں ہوا۔ وہاں مجال ہے جو بیٹی امر کور کو میں ذرا بھی غصے سے دیکھ لیتی، بپھر جاتا تھا، کہتا تھا، بیٹی کو برا مت کہو۔ بیٹی بڑی مسکین ہوتی ہے۔ یہ تو ایک مسافر ہے بے چاری۔ ہمارے گھروندے میں سستانے بیٹھ گئی ہے۔ وقت آئے گا تو چلی جائے گی اور اب امر کور سے ذرا سا بھی کوئی قصور ہو جائے تو آپے ہی میں نہیں رہتا۔ یہاں تک بک دیتا ہے کہ بیٹیاں بیویاں اغوا ہوتے سنی تھیں یارو۔ یہ نہیں سنا تھا کہ پانچ برس کے بیٹے بھی اٹھ جاتے ہیں۔ ‘‘
وہ ایک مہینے سے اس گھر میں مقیم تھا مگر ہر رات اس کا معمول تھا کہ پہلے سوتے میں بے تحاشا کروٹیں بدلتا پھر بڑبڑانے لگتا اور پھر اٹھ بیٹھتا۔ بڑی ڈری ہوئی سرگوشی میں بیوی سے کہتا۔ ’’سنتی ہو؟ یہاں کوئی چیز قرآن پڑھ رہی ہے۔ ‘‘۔ ۔ ۔ بیوی اسے محض ’’اونہہ‘‘ سے ٹال کر سو جاتی تھی مگر امر کور کو اس سرگوشی کے بعد رات بھر نیند نہ آئی۔ اسے اندھیرے میں بہت سی پرچھائیاں ہر طرف بیٹھی قرآن پڑھتی نظر آئیں اور پھر جب ذرا سی پو پھٹتی تو وہ کانوں میں انگلیاں دے لیتی تھی۔ وہاں ضلع لاہور میں ان کا گھر مسجد کے پڑوس ہی میں تھا اور جب صبح اذان ہوتی تھی تو کیسا مزا آتا تھا۔ ایسا لگتا تھا کہ جیسے پورب سے پھوٹتا ہوا اجالا گانے لگا ہے۔ پھر جب اس کی پڑوسن پریتم کور کو چند نوجوانوں نے خراب کر کے چیتھڑے کی طرح گھورے پر پھینک دیا تھا تو جانے کیا ہوا کہ مؤذن کی اذان میں بھی اسے پریتم کور کی چیخ سنائی دے رہی تھی، اذان کا تصور تک اسے خوف زدہ کر دیتا تھا اور وہ یہ بھی بھول جاتی تھی کہ اب ان کے پڑوس میں مسجد نہیں ہے۔ یوں ہی کانوں میں انگلیاں دیتے ہوئے وہ سو جاتی اور رات بھر جاگتے رہنے کی وجہ سے دن چڑھے تک سوئی رہتی تھی اور پرمیشر سنگھ اس بات پر بگڑ جاتا۔ ۔ ۔ ’’ٹھیک ہے سوئے نہیں تو اور کیا کرے۔ نکمی تو ہوتی ہیں یہ چھوکریاں۔ لڑکا ہو تو اب تک جانے کتنے کام کر چکا ہوتا یارو۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ آنگن میں داخل ہوا تو آج خلاف معمول اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ تھی۔ اس کے کھلے کیس کنگھے سمیت اس کی پیٹھ اور ایک کندھے پر بکھرے ہوئے تھے اور اس کا ایک ہاتھ اختر کی کمر تھپکے جا رہا تھا۔ اس کی بیوی ایک طرف بیٹھی چھاج میں گندم پھٹک رہی تھی۔ اس کے ہاتھ جہاں تھے وہیں رک گئے اور وہ ٹکر ٹکر پرمیشر سنگھ کو دیکھنے لگی۔ پھر وہ چھاج پر سے کودتی ہوئی آئی اور بولی۔
’’یہ کون ہے؟‘‘
پرمیشر سنگھ بدستور مسکراتے ہوئے بولا۔ ۔ ۔ ’’ڈرو نہیں بیوقوف اس کی عادتیں بالکل کرتارے کی سی ہیں یہ بھی اپنی ماں کو بھوسے کی کوٹھری میں پڑا ملا تھا۔ یہ بھی تتلیوں کا عاشق ہے اس کا نام اختر ہے۔ ‘‘
’’اختر‘‘ بیوی کے تیور بدل گئے۔
’’تم اسے اختر سنگھ کہہ لینا‘‘ پرمیشر سنگھ نے وضاحت کی۔ ۔ ۔ ’’اور پھر کیسوں کا کیا ہے، دنوں میں بڑھ جاتے ہیں۔ کڑا اور کچھیرا پہنا دو، کنگھا کیسوں کے بڑھتی لگ جائے گا۔ ‘‘
’’پر یہ ہے کس کا؟‘‘ بیوی نے مزید وضاحت چاہی۔
’’کس کا ہے!‘‘ پرمیشر سنگھ نے اختر کو کندھے پر سے اتار کر اسے زمین پر کھڑا کر دیا اور اس کے سر پر ہاتھ پھیرنے لگا۔ واہگورو جی کا ہے ہمارا اپنا ہے اور پھر یارو یہ عورت اتنا بھی دیکھ نہیں سکتی کہ اختر کے ماتھے پر جو یہ ذرا سا تل ہے یہ کرتارے ہی کا تل ہے۔ کرتارے کے بھی تو ایک تل تھا اور یہیں تھا۔ ذرا بڑا تھا پر ہم اسے یہیں تل پر تو چومتے تھے۔ اور یہ اختر کے کانوں کی لویں گلاب کے پھول کی طرح گلابی ہیں تو یارو۔ یہ عورت یہ تک نہیں سوچتی کہ کرتارے کے کانوں کی لویں بھی تو ایسی ہی تھیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ وہ ذرا موٹی تھیں یہ ذرا پتلی ہیں اور۔ ۔ ۔ ‘‘
اختر اب تک مارے حیرت کے ضبط کیے بیٹھا تھا۔ بلبلا اٹھا۔ ۔ ۔ ’’ہم نہیں رہیں گے، ہم اماں پاس جائیں گے، اماں پاس۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ نے اختر کا ہاتھ پکڑ کر اسے بیوی کی طرف بڑھایا۔ ۔ ۔ ’’اری لو۔ یہ اماں کے پاس جانا چاہتا ہے۔ ‘‘
’’تو جائے۔ ‘‘ بیوی کی آنکھوں میں اور چہرے پر وہی آسیب آ گیا تھا جسے پرمیشر سنگھ اپنی آنکھوں اور چہرے میں سے نوچ کر باہر کھیتوں میں جھٹک آیا تھا۔ ۔ ۔ ’’ڈاکہ مارنے گیا تھا سورما۔ اور اٹھا لایا یہ ہاتھ بھر کا لونڈا۔ ارے کوئی لڑکی ہی اٹھا لاتا۔ تو ہزار میں نہ سہی، ایک دو سو میں بک جاتی۔ اس اجڑے گھر کا کھاٹ کھٹولہ بن جاتا اور پھر۔ ۔ ۔ پگلے تجھے تو کچھ ہو گیا ہے، دیکھتے نہیں یہ لڑکا مُسلّا ہے؟ جہاں سے اٹھا لائے ہو وہیں واپس ڈال آؤ۔ خبردار جو اس نے میرے چوکے میں پاؤں رکھا۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ نے التجا کی۔ ۔ ۔ ’’کرتارے اور اختر کو ایک ہی واہگورو جی نے پیدا کیا ہے، سمجھیں۔ ‘‘
’’نہیں ‘‘ اب کے بیوی چیخ اٹھی۔ ۔ ۔ ’’میں نہیں سمجھی اور نہ کچھ سمجھنا چاہتی ہوں، میں رات ہی رات میں جھٹکا کر ڈالوں گی اس کا، کاٹ کے پھینک دوں گی۔ اٹھا لایا ہے وہاں سے، لے جا اسے پھینک دے باہر۔ ‘‘
’’تمھیں نہ پھینک دوں باہر؟‘‘۔ ۔ ۔ اب کے پرمیشر سنگھ بگڑ گیا۔
’’تمھارا نہ کر ڈالوں جھٹکا؟ وہ بیوی کی طرف بڑھا اور بیوی اپنے سینے کو دو ہتڑوں سے پیٹتی، چیختی، چلاتی بھاگی۔ پڑوس سے امر کور دوڑی آئی۔ اس کے پیچھے گلی کی دوسری عورتیں بھی آ گئیں۔ مرد بھی جمع ہو گئے اور پرمیشر سنگھ کی بیوی پٹنے سے بچ گئی۔ پھر سب نے اسے سمجھایا کہ نیک کام ہے، ایک مسلمان کا سکھ بنانا کوئی معمولی کام تو نہیں۔ پرانا زمانہ ہوتا تو اب تک پرمیشر سنگھ گرو مشہور ہو چکا ہوتا۔ بیوی کی ڈھارس بندھی مگر امر کور ایک کونے میں بیٹھی گھٹنوں میں سر دیے روتی رہی۔ اچانک پرمیشر سنگھ کی گرج نے سارے ہجوم کو ہلا دیا۔ ۔ ۔ ’’اختر کدھر گیا ہے۔ ‘‘ وہ چڑھ گیا یارو۔ ۔ ۔ ؟اختر۔ ۔ ۔ اختر۔ ۔ ۔ !‘‘ وہ چیختا ہوا مکان کے کونوں کھدّوں میں جھانکتا ہوا باہر بھاگ گیا۔ بچے مارے دلچسپی کے اس کے تعاقب میں تھے۔ عورتیں چھتوں پر چڑھ گئی تھیں اور پرمیشر سنگھ گلیوں میں سے باہر کھیتوں میں نکل گیا تھا۔ ۔ ۔ ’’ارے میں تو اسے اماں پاس لے چلتا یارو۔ ارے وہ گیا کہاں ؟ اختر۔ ۔ ۔ ! اے اختر۔ ۔ ۔ !‘‘
’’میں تمھارے پاس نہیں آؤں گا۔ ‘‘ پگڈنڈی کے ایک موڑ پر گیان سنگھ کے گنے کے کھیت کی آڑ میں روتے ہوئے اختر نے پرمیشر سنگھ کو ڈانٹ دیا۔ ’’تم تو سکھ ہو۔ ‘‘
’’ہاں بھیا میں تو سکھ ہوں۔ ‘‘ پرمیشر سنگھ نے جیسے مجبور ہو کر اعتراف جرم کر لیا۔
’’تو پھر ہم نہیں آئیں گے۔ ‘‘ اختر نے پرانے آنسوؤں کو پونچھ کر نئے آنسوؤں کے لیے راستہ صاف کیا۔
’’نہیں آؤ گے؟‘‘ پرمیشر سنگھ کا لہجہ اچانک بدل گیا۔
’’نہیں۔ ‘‘
’’نہیں آؤ گے؟‘‘
’’نہیں۔ نہیں نہیں۔ ‘‘
’’کیسے نہیں آؤ گے؟‘‘ پرمیشر سنگھ نے اختر کو کان سے پکڑا اور پھر نچلے ہونٹ کو دانتوں میں دبا کر اس کے منہ میں چٹاخ سے ایک تھپڑ مار دیا۔ ’’چلو‘‘ وہ کڑکا۔
اختر یوں سہم گیا جیسے ایک دم اس کا سارا خون نچڑ کر رہ گیا ہے۔ پھر ایکا ایکی وہ زمین پر گر کر پاؤں پٹخنے، خاک اڑانے اور بلک بلک کر رونے لگا۔ ’’نہیں چلتا، بس نہیں چلتا تم سکھ ہو، میں سکھوں کے پاس نہیں جاؤں گا۔ میں اپنی اماں پاس جاؤں گا، میں تمھیں مار دوں گا۔ ‘‘
اور اب جیسے پرمیشر سنگھ کے سہنے کی باری تھی۔ اس کا بھی سارا خون جیسے نچڑ کر رہ گیا تھا۔ اس نے اپنے ہاتھ کو دانتوں میں جکڑ لیا۔ اس کے نتھنے پھڑکنے لگے اور پھر اس زور سے رویا کہ کھیت کی پرلی مینڈ پر آتے ہوئے چند پڑوسی اور ان کے بچے بھی سہم کر رہ گئے اور ٹھٹک گئے۔ پرمیشر سنگھ گھٹنوں کے بل اختر کے سامنے بیٹھ گیا۔ بچوں کی طرح یوں سسک سسک کر رونے لگا کہ اس کا نچلا ہونٹ بھی بچوں کی طرح لٹک آیا اور پھر بچوں کی سی روتی آواز میں بولا۔
’’مجھے معاف کر دے اختر، مجھے تمھارے خدا کی قسم میں تمھارا دوست ہوں، تم اکیلے یہاں سے جاؤ گے تو تمھیں کوئی مار دے گا۔ پھر تمھاری ماں پاکستان سے آ کر مجھے مارے گی۔ میں خود جا کر تمھیں پاکستان چھوڑ آؤں گا۔ سنا؟ پھر وہاں اگر تمھیں ایک لڑکا مل جائے نا۔ کرتارا نام کا تو تم اسے ادھر گاؤں میں چھوڑ جانا۔ اچھا؟‘‘
’’اچھا!‘‘ اختر نے الٹے ہاتھوں سے آنسو پونچھتے ہوئے پرمیشر سنگھ سے سودا کر لیا۔
پرمیشر سنگھ نے اختر کو کندھے پر بٹھا لیا اور چلا مگر ایک ہی قدم اٹھا کر رک گیا۔ سامنے بہت سے بچے اور پڑوسی کھڑے اس کی تمام حرکات دیکھ رہے تھے۔ ادھیڑ عمر کا ایک پڑوسی بولا۔ ۔ ۔ ’’روتے کیوں ہو پرمیشرے، کل ایک مہینے کی تو بات ہے، ایک مہینے میں اس کے کیس بڑھ آئیں گے تو بالکل کرتار ا لگے گا۔ ‘‘
کچھ کہے بغیر وہ تیز تیز قدم اٹھانے لگا۔ پھر ایک جگہ رک کر اس نے پلٹ کر اپنے پیچھے آنے والے پڑوسیوں کی طرف دیکھا۔ ۔ ۔ ’’تم کتنے ظالم لوگ ہو یارو۔ اختر کو کرتارا بناتے ہو اور ادھر اگر کوئی کرتارے کو اختر بنا لے تو؟ اسے ظالم ہی کہو گے نا۔ ‘‘ پھر اس کی آواز میں گرج آ گئی۔ ۔ ۔ ’’یہ لڑکا مسلمان ہی رہے گا۔ دربار صاحب کی سوں۔ میں کل ہی امرت سر جا کر اس کے انگریزی بال بنوا لاؤں گا۔ تم نے مجھے سمجھ کیا رکھا ہے، خالصہ ہوں، سینے میں شیر کا دل ہے، مرغی کا نہیں۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ اپنے گھر میں داخل ہو کر ابھی اپنی بیوی اور بیٹی ہی کو اختر کی مدارات کے سلسلے میں احکام ہی دے رہا تھا کہ گاؤں کا گرنتھی سردار سنتو سنگھ اندر آیا اور بولا۔
’’پرمیشر سنگھ۔ ‘‘
’’جی‘‘ پرمیشر سنگھ نے پلٹ کر دیکھا۔ گرنتھی جی کے پیچھے اس کے سب پڑوسی بھی تھے۔
’’دیکھو‘‘ گرنتھی جی نے بڑے دبدبے سے کہا۔ ۔ ۔ ’’کل سے یہ لڑکا خالصے کی سی پگڑی باندھے گا، کڑا پہنے گا، دھرم شالہ آئے گا اور اسے پرشاد کھلایا جائے گا۔ اس کے کیسوں کو قینچی نہیں چھوئے گی۔ چھو گئی تو کل ہی سے یہ گھر خالی کر دو سمجھے؟‘‘
’’جی‘‘ پرمیشر سنگھ نے آہستہ سے کہا۔
’’ہاں۔ ‘‘ گرنتھی جی نے آخری ضرب لگائی۔
’’ایسا ہی ہو گا گر نتھی جی۔ ‘‘ پرمیشر سنگھ کی بیوی بولی۔ ۔ ۔ ’’پہلے ہی اسے راتوں کو گھر کے کونے کونے سے کوئی چیز قرآن پڑھتی سنائی دیتی ہے۔ لگتا ہے پہلے جنم میں مُسلّا رہ چکا ہے۔ امر کور بیٹی نے تو جب سے یہ سنا ہے کہ ہمارے گھر میں مُسلّا چھوکرا آیا ہے تو بیٹھی رو رہی ہے، کہتی ہے گھر پر کوئی اور آفت آئے گی۔ پرمیشرے نے آپ کا کہا نہ مانا تو میں بھی دھرم شالہ میں چلی آؤں گی اور امر کور بھی۔ پھر یہ اس چھوکرے کو چاٹے مُوا نکما، واہگورو جی کا بھی لحاظ نہیں کرتا۔ ‘‘
’’واہگوروجی کا لحاظ کون نہیں کرتا گدھی‘‘ پرمیشر سنگھ نے گرنتھی جی کی بات کا غصہ بیوی پر نکالا۔ پھر وہ زیر لب گالیاں دیتا رہا۔ کچھ دیر کے بعد وہ اٹھ کر گرنتھی جی کے پاس آ گیا۔ ’’اچھا جی اچھا۔ ‘‘ اس نے کہا۔ گرنتھی جی پڑوسیوں کے ساتھ فوراً رخصت ہو گئے۔
چند ہی دنوں میں اختر کو دوسرے سکھ لڑکوں سے پہچاننا دشوار ہو گیا۔ وہی کانوں کی لوؤں تک کس کر بندھی ہوئی پگڑی، وہی ہاتھ کا کڑا اور وہی کچھیرا۔ صرف جب وہ گھر میں آ کر پگڑی اتارتا تھا تو اس کے غیر سکھ ہونے کا راز کھلتا تھا۔ لیکن اس کے بال دھڑا دھڑ بڑھ رہے تھے۔ پرمیشر سنگھ کی بیوی ان بالوں کو چھوکر بہت خوش ہوتی۔ ۔ ۔ ’’ذرا ادھر تو آ امر کورے، یہ دیکھ کیس بن رہے ہیں۔ پھر ایک دن جوڑا بنے گا۔ کنگھا لگے گا اور اس کا نام رکھا جائے گا کرتار سنگھ۔ ‘‘
’’نہیں ماں۔ ‘‘ امر کور وہیں سے جواب دیتی۔ ۔ ۔ ’’جیسے واہگورو جی ایک ہیں، اور گرنتھ صاحب ایک ہیں اور چاند ایک ہے۔ اسی طرح کرتارا بھی ایک ہے۔ میرا ننھا منا بھائی!‘‘ وہ پھوٹ پھوٹ کر رو دیتی اور مچل کر کہتی۔ ۔ ۔ ’’میں اس کھلونے سے نہیں بہلوں گی ماں، میں جانتی ہوں ماں یہ مسلا ہے اور جو کرتارا ہوتا ہے وہ مسلا نہیں ہوتا۔ ‘‘
’’میں کب کہتی ہوں یہ سچ مچ کا کرتارا ہے۔ میرا چاند سا لاڈلا بچہ!‘‘۔ ۔ ۔ پرمیشر سنگھ کی بیوی بھی رو دیتی۔ دونوں اختر کو اکیلا چھوڑ کر کسی گوشے میں بیٹھ جاتیں۔ خوب خوب روتیں، ایک دوسرے کو تسلیاں دیتیں اور پھر زارزار رونے لگتیں وہ اپنے کرتارے کے لیے روتیں، اختر چند روز اپنی ماں کے لیے رویا، اب کسی اور بات پر روتا، جب پرمیشر سنگھ شرنارتھیوں کی امدادی پنچایت سے کچھ غلّہ یا کپڑا لے کر آتا تو اختر بھاگ کر جاتا اور اس کی ٹانگوں سے لپٹ جاتا اور رو رو کر کہتا۔ ۔ ۔ ’’میرے سر پر پگڑی باندھ دو پرموں۔ ۔ ۔ میرے کیس بڑھا دو۔ مجھے کنگھا خرید دو۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ اسے سینے سے لگا لیتا اور بھرائی ہوئی آواز میں کہتا۔ ۔ ۔ ’’یہ سب ہو جائے گا بچے۔ سب کچھ ہو جائے گا پر ایک بات کبھی نہ ہو گی۔ وہ بات کبھی نہ ہو گی۔ وہ نہیں ہو گا مجھ سے سمجھے؟ یہ کیس ویس سب بڑھ آئیں گے۔ ‘‘
اختر اپنی ماں کو بہت کم یاد کرتا تھا۔ جب تک پرمیشر سنگھ گھر میں رہتا وہ اس سے چمٹا رہتا اور جب وہ کہیں باہر جاتا تو اختر اس کی بیوی اور امر کور کی طرف یوں دیکھتا رہتا جیسے ان سے ایک ایک پیار کی بھیک مانگ رہا ہے۔ پرمیشر سنگھ کی بیوی اسے نہلاتی، اس کے کپڑے دھوتی، اور پھر اس کے بالوں میں کنگھی کرتے ہوئے رونے لگتی اور روتی رہ جاتی۔ البتہ امر کور نے جب بھی دیکھا، ناک اچھال دی۔ شروع شروع میں تو اس نے اختر کو دھموکا بھی جڑ دیا تھا مگر جب اختر نے پرمیشر سنگھ سے اس کی شکایت کی تو پرمیشر سنگھ بپھر گیا اور امر کور کو بڑی ننگی ننگی گالیاں دیتا اس کی طرف بڑھا کہ اگر اس کی بیوی راستے میں اس کے پاؤں نہ پڑ جاتی تو وہ بیٹی کو اٹھا کر دیوار پر سے گلی میں پٹخ دیتا۔ ۔ ۔ ’’الو کی پٹھی۔ ‘‘ اس روز اس نے کڑک کر کہا تھا۔
’’سنا تو یہی تھا کہ لڑکیاں اٹھ رہی ہیں پر یہاں یہ مشٹنڈی ہمارے ساتھ لگی چلی آئی اور اٹھ گیا تو پانچ سال کا لڑکا جسے ابھی اچھی طرح ناک پونچھنا نہیں آتا۔ عجیب اندھیر ہے یارو۔ ‘‘ اس واقعے کے بعد امر کور نے اختر پر ہاتھ تو خیر کبھی نہ اٹھایا مگر اس کی نفرت دو چند ہو گئی۔
ایک روز اختر کو تیز بخار آ گیا۔ پرمیشر سنگھ وید کے پاس چلا گیا اور اس کے جانے کے کچھ دیر بعد اس کی بیوی پڑوسن سے پسی ہوئی سونف مانگنے چلی گئی۔ اختر کو پیاس لگی۔
’’پانی‘‘ اس نے کہا، کچھ دیر بعد لال لال سوجی سوجی آنکھیں کھولیں۔ ادھر ادھر دیکھا اور پانی کا لفظ ایک کراہ بن کر اس کے حلق سے نکلا۔ کچھ دیر کے بعد وہ لحاف کو ایک طرف جھٹک کر اٹھ بیٹھا۔ امر کور سامنے دہلیز پر بیٹھی کھجور کے پتوں سے چنگیر بنا رہی تھی۔ ۔ ۔ ’’پانی دے!‘‘ اختر نے اسے ڈانٹا۔ امر کور نے بھنویں سکیڑ کر اسے گھور کر دیکھا اور اپنے کام میں جٹ گئی۔ اب کے اختر چلایا۔ ۔ ۔ ’’پانی دیتی ہے کہ نہیں۔ ۔ ۔ پانی دے ورنہ ماروں گا‘‘۔ ۔ ۔ امر کور نے اب کے اس کی طرف دیکھا ہی نہیں۔ بولی۔ ۔ ۔ ’’مار تو سہی۔ تو کرتارا نہیں کہ میں تیری مار سہہ لوں گی۔ میں تو تیری بوٹی بوٹی کر ڈالوں گی۔ ‘‘ اختر بلک بلک کر رو دیا۔ اور آج اس نے مدّت کے بعد اپنی اماں کو یاد کیا۔ پھر جب پرمیشر سنگھ دوا لے آیا اور اس کی بیوی بھی پسی ہوئی سونف لے کر آ گئی تو اختر نے روتے روتے بری حالت بنا لی تھی اور وہ سسک سسک کر کہہ رہا تھا۔ ’’ہم تو اب اماں پاس چلیں گے۔ یہ امر کور سور کی بچی تو پانی بھی نہیں پلاتی۔ ہم تو اماں پاس جائیں گے۔ ‘‘ پرمیشر سنگھ نے امر کور کی طرف غصے سے دیکھا۔ وہ رو رہی تھی اور اپنی ماں سے کہہ رہی تھی۔ ۔ ۔ ’’کیوں پانی پلاؤں ؟ کرتارا بھی تو کہیں اسی طرح پانی مانگ رہا ہو گا کسی سے۔ کسی کو اس پر ترس نہ آئے تو ہمیں کیوں ترس آئے اس پر۔ ۔ ۔ ہاں ‘‘۔
پرمیشر سنگھ اختر کی طرف بڑھا اور اپنی بیوی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولا۔
’’یہ بھی تو تمھاری ماں ہے بیٹے۔ ‘‘
’’نہیں ‘‘ اختر بڑے غصے سے بولا۔ ’’یہ تو سکھ ہے۔ میری اماں تو پانچ وقت نماز پڑھتی ہے اور بسم اللہ کہہ کر پانی پلاتی ہے۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ کی بیوی جلدی سے ایک پیالہ بھر کر لائی تو اختر نے پیالے کو دیوار پر دے مارا اور چلایا۔ ’’تمھارے ہاتھ سے نہیں پئیں گے۔ ‘‘
’’یہ بھی تو مجھی سور کی بچی کا باپ ہے۔ ‘‘ امر کور نے جل کر کہا۔
’’تو ہوا کرے‘‘ اختر بولا۔ ۔ ۔ ’’تمھیں اس سے کیا۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ کے چہرے پر عجیب کیفیتیں دھوپ چھاؤں سی پیدا کر گئیں۔ وہ اختر کے مطالبے پر مسکرایا بھی اور رو بھی دیا۔ پھر اس نے اختر کو پانی پلایا۔ اس کے ماتھے کو چوما۔ اس کی پیٹھ پر ہاتھ پھیرا، اسے بستر پر لٹا کر اس کے سر کو ہولے ہولے کھجاتا رہا اور کہیں شام کو جا کر اس نے پہلو بدلا۔ اس وقت اختر کا بخار اتر چکا تھا اور وہ بڑے مزے سے سو رہا تھا۔
آج بہت عرصے کے بعد رات کو پرمیشر سنگھ بھڑک اٹھا اور نہایت آہستہ سے بولا۔
’’اری سنتی ہو؟۔ ۔ ۔ سن رہی ہو؟ یہاں کوئی چیز قرآن پڑھ رہی ہے۔ ‘‘
بیوی نے پہلے تو اسے پرمیشر سنگھ کی پرانی عادت کہہ کر ٹالنا چاہا مگر پھر ایک دم ہڑبڑا کر اٹھی اور امر کور کی کھاٹ کی طرف ہاتھ بڑھا کر اسے ہولے ہولے ہلا کر آہستہ سے بولی۔ ۔ ۔ ’’بیٹی!‘‘
’’کیا ہے ماں ؟‘‘ امر کور چونک اٹھی۔
اور اس نے سرگوشی کی۔ ’’سنو تو۔ سچ مچ کوئی چیز قرآن پڑھ رہی ہے۔ ‘‘
یہ ایک ثانیے کا سناٹا بڑا خوف ناک تھا۔ امر کور کی چیخ اس سے بھی زیادہ خوف ناک تھی اور پھر اختر کی چیخ خوف ناک تر تھی۔
’’کیا ہوا بیٹا‘‘ پرمیشر سنگھ تڑپ کر اٹھا اور اختر ی کھاٹ پر جا کر اسے چھاتی سے بھینچ لیا۔ ’’ڈر گئے بیٹا۔ ‘‘
’’ہاں ‘‘ اختر لحاف میں سے سر نکال کر بولا۔ ’’کوئی چیز چیخی تھی۔ ‘‘
’’امر کور چیخی تھی‘‘ پرمیشر سنگھ نے کہا۔ ۔ ۔ ’’ہم سب یوں سمجھے جیسے کوئی چیز یہاں قرآن پڑھ رہی ہے۔ ‘‘
’’میں پڑھ رہا تھا‘‘ اختر بولا۔
اب کے بھی امر کور کے منہ سے ہلکی چیخ نکل گئی۔
بیوی نے جلدی سے چراغ جلا دیا اور امر کور کی کھاٹ پر بیٹھ کر وہ دونوں اختر کو یوں دیکھنے لگیں جیسے وہ ابھی دھواں بن کر دروازے کی جھریوں میں سے باہر اڑ جائے گا اور باہر سے ایک ڈراؤنی آواز آئے گی۔ ’’میں جن ہوں میں کل رات پھر آ کر قرآن پڑھوں گا۔ ‘‘
’’کیا پڑھ رہے تھے بھلا؟‘‘ پرمیشر سنگھ نے پوچھا۔
’’پڑھوں ؟‘‘ اختر نے پوچھا۔
’’ہاں ہاں ‘‘ پرمیشر سنگھ نے بڑے شوق سے کہا۔
اور اختر قُل ہو اللہ اَحَد پڑھنے لگا۔ کُفواً اَحَد پر پہنچ کر اس نے اپنے گریبان میں چھوکی اور پھر پرمیشر سنگھ کی طرف مسکراتے ہوئے بولا۔ ۔ ۔ ’’تمھارے سینے میں بھی چھو کر دوں ؟‘‘
’’ہاں ہاں ‘‘ پرمیشر سنگھ نے گریبان کا بٹن کھول دیا اور اختر نے چھو کر دی۔ اب کے امر کور نے بڑی مشکل سے چیخ پر قابو پایا۔
پرمیشر سنگھ بولا۔ ۔ ۔ ’’کیا نیند نہیں آتی تھی؟‘‘
’’ہاں ‘‘ اختر بولا۔ ۔ ۔ ’’امّاں یاد آ گئی۔ اماں کہتی ہے، نیند نہ آئے تو تین بار قُل ہو اللّٰہ پڑھو نیند آ جائے گی، اب آ رہی تھی، پر امر کور نے ڈرا دیا۔ ‘‘
’’پھر سے پڑھ کر سو جاؤ‘‘ پرمیشر سنگھ نے کہا۔ ۔ ۔ ’’روز پڑھا کرو۔ اونچے اونچے پڑھا کرو اسے بھولنا نہیں ورنہ تمھاری اماں تمھیں مارے گی۔ لو اب سو جاؤ۔ ‘‘ اس نے اختر کو لٹا کر اسے لحاف اوڑھا دیا۔ پھر چراغ بجھانے کے لیے بڑھا تو امر کور پکاری۔ ۔ ۔ ’’نہیں، نہیں بابا۔ بجھاؤ نہیں۔ ڈر لگتا ہے۔ ‘‘
’’جلتا رہے، کیا ہے؟‘‘ بیوی بولی۔
اور پرمیشر سنگھ دیا بجھا کر ہنس دیا۔ ۔ ۔ ’’پگلیاں ‘‘ وہ بولا۔ ۔ ۔ ’’گدھیاں۔ ‘‘
رات کے اندھیرے میں اختر آہستہ آہستہ قل ھو اللّٰہ پڑھتا رہا۔ پھر کچھ دیر بعد ذرا ذرا سے خراٹے لینے لگا۔ پرمیشر سنگھ بھی سو گیا اور اس کی بیوی بھی۔ مگر امر کور رات بھر کچی نیند میں ’’پڑوس‘‘ کی مسجد کی اذان سنتی رہی اور ڈرتی رہی۔
اب اختر کے اچھے خاصے کیس بڑھ آئے تھے۔ ننھے سے جوڑے میں کنگھا بھی اٹک جاتا تھا۔ گاؤں والوں کی طرح پرمیشر سنگھ کی بیوی بھی اسے کرتارا کہنے لگی تھی اور اس سے خاصی شفقت سے پیش آتی تھی مگر امر کور اختر کو یوں دیکھتی تھی جیسے وہ کوئی بہروپیا ہے اور ابھی وہ پگڑی اور کیس اتار کر پھینک دے گا اور قُل ہو اللّٰہ پڑھتا ہوا غائب ہو جائے گا۔
ایک دن پرمیشر سنگھ بڑی تیزی سے گھر آیا اور ہانپتے ہوئے اپنی بیوی سے پوچھا۔
’’وہ کہاں ہے؟‘‘
’’کون؟ امر کور؟‘‘
’’نہیں۔ ‘‘
’’کرتارا؟‘‘
’’نہیں۔ ۔ ۔ ‘‘ پھر کچھ سوچ کر بولا۔ ۔ ۔ ’’ہاں ہاں وہی کرتارا۔ ‘‘
’’باہر کھیلنے گیا ہے۔ گلی میں ہو گا۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ واپس لپکا۔ گلی میں جا کر بھاگنے لگا۔ باہر کھیتوں میں جا کر اس کی رفتار اور تیز ہو گئی۔ پھر اسے دور گیان سنگھ کے گنوں کی فصل کے پاس چند بچے کبڈی کھیلتے نظر آئے۔ کھیت کی اوٹ سے اس نے دیکھا کہ اختر نے ایک لڑکے کو گھٹنوں تلے دبا رکھا ہے۔ لڑکے کے ہونٹوں سے خون پھٹ رہا ہے مگر کبڈی کبڈی کی رٹ جاری ہے۔ پھر اس لڑکے نے جیسے ہار مان لی۔ اور جب اختر کی گرفت سے چھوٹا تو بولا۔ ۔ ۔ ’’کیوں بے کرتارو! تو نے میرے منھ پر گھٹنا کیوں مارا ہے؟‘‘
’’اچھا کیا جو مارا‘‘ اختر اکڑ کر بولا اور بکھرے ہوئے جوڑے کی لٹیں سنبھال کر ان میں کنگھا پھنسانے لگا۔
’’تمھارے رسول نے تمھیں یہی سمجھایا ہے؟‘‘ لڑکے نے طنز سے پوچھا۔
اختر ایک لمحے کے لیے چکرا گیا۔ پھر سوچ کر بولا۔ ۔ ۔ ’’اور کیا تمھارے گُرو نے تمھیں یہی سمجھایا ہے؟‘‘
’’مُسلّا‘‘ لڑکے نے اسے گالی دی۔
’’سکھڑا‘‘ اختر نے اسے گالی دی۔
سب لڑکے اختر پر ٹوٹ پڑے مگر پرمیشر سنگھ کی ایک ہی کڑک سے میدان صاف تھا۔ اس نے اختر کی پگڑی باندھی اور اسے ایک طرف لے جا کر بولا۔ ۔ ۔ ’’سنو بیٹے! میرے پاس رہو گے کہ اماں کے پاس جاؤ گے۔ ۔ ۔ ؟‘‘
اختر کوئی فیصلہ نہ کر سکا۔ کچھ دیر تک پرمیشر سنگھ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے کھڑا رہا پھر مسکرانے لگا اور بولا۔ ۔ ۔ ’’اماں پاس جاؤں گا۔ ‘‘
’’اور میرے پاس نہیں رہو گے؟‘‘
پرمیشر سنگھ کا رنگ یوں سُرخ ہو گیا جیسے وہ رو دے گا۔
’’تمھارے پاس بھی رہوں گا؟‘‘ اختر نے معمے کا حل پیش کر دیا۔ پرمیشر سنگھ نے اسے اٹھا کر سینے سے لگا لیا اور وہ آنسو جو مایوسی نے آنکھوں میں جمع کیے تھے، خوشی کے آنسو بن کر ٹپک پڑے۔ وہ بولا۔ ۔ ۔ ’’دیکھو بیٹے!۔ ۔ ۔ اختر بیٹے آج یہاں فوج آ رہی ہے یہ فوجی تمھیں مجھ سے چھیننے آ رہے ہیں، سمجھے؟ تم کہیں چھپ جاؤ۔ پھر جب وہ چلے جائیں گے نا، تو میں تمھیں لے آؤں گا۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ کو اس وقت دور غبار کا ایک پھیلتا ہوا بگولہ دکھائی دیا۔ مینڈ پر چڑھ کر اس نے لمبے ہوتے ہوئے بگولے کو غور سے دیکھا اور اچانک تڑپ کر بولا۔ ۔ ۔ ’’فوجیوں کی لاری آ گئی۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ مینڈ پر سے کود پڑا اور گنے کے کھیت کا پورا چکر کاٹ گیا۔
’’گیا نے، او گیان سنگھ!‘‘ وہ چلایا۔ گیان سنگھ فصل کے اندر سے نکل آیا۔ اس کے ایک ہاتھ میں درانتی اور دوسرے ہاتھ میں تھوڑی سی گھاس تھی۔ ۔ ۔ پرمیشر سنگھ اسے الگ لے گیا، اسے کوئی بات سمجھائی پھر دونوں اختر کے پاس آئے۔ گیان سنگھ نے فصل میں سے ایک گنا توڑ کر درانتی سے اس کے پتے کاٹے اور اسے اختر کے حوالے کر کے بولا۔ ۔ ۔ ’’آؤ بھائی کرتارے تم میرے پاس بیٹھ کر گنا چوسو جب تک یہ فوجی چلے جائیں۔ اچھا خاصا بنا بنایا خالصہ ہتھیانے آئے ہیں۔ ہونہہ!‘‘۔ ۔ ۔ پرمیشر سنگھ نے اختر سے جانے کی اجازت مانگی۔ ۔ ۔ ’’جاؤں۔ ۔ ۔ ؟‘‘
اور اختر نے دانتوں میں گنے کا لمبا سا چھلکا جکڑے ہوئے مسکرانے کی کوشش کی۔ اجازت پا کر پرمیشر سنگھ گاؤں کی طرف بھاگ گیا۔ بگولا گاؤں کی طرف بڑھا آ رہا تھا۔
گھر جا کر اس نے بیوی اور بیٹی کو سمجھایا۔ پھر بھاگم بھاگ گرنتھی جی کے پاس گیا۔ ان سے بات کر کے ادھر ادھر دوسرے لوگوں کو سمجھاتا پھیرا۔ اور جب فوجیوں کی لاری دھرم شالہ سے ادھر کھیت میں رک گئی تو سب فوجی اور پولیس والے گرنتھی جی کے پاس آئے۔ ان کے ساتھ علاقے کا نمبردار بھی تھا۔ مسلمان لڑکیوں کے بارے میں پوچھ گچھ ہوتی رہی۔ گرنتھی جی نے گرنتھ صاحب کی قسم کھا کر کہہ دیا کہ اس گاؤں میں کوئی مسلمان لڑکی نہیں ’’لڑکے کی بات دوسری ہے۔ ‘‘ کسی نے پرمیشر سنگھ کے کان میں سرگوشی کی اور آس پاس کے سکھ پرمیشر سنگھ سمیت زیر لب مسکرانے لگے۔ پھر ایک فوجی افسر نے گاؤں والوں کے سامنے ایک تقریر کی۔ اس نے مامتا پر بڑا زور دیا جو ان ماؤں کے دلوں میں ان دنوں ٹیس بن کر رہ گئی تھی جن کی بیٹیاں چھن گئی تھیں اور ان بھائیوں اور شوہروں کی پیار کی بڑی دردناک تصویر کھینچی جن کی بہنیں اور بیویاں ان سے ہتھیا لی گئی تھیں۔ ۔ ۔ ’’اور مذہب کیا ہے دوستو۔ ‘‘ اس نے کہا تھا۔ ۔ ۔ ’’دنیا کا ہر مذہب انسان کو انسان بننا سکھاتا ہے اور تم مذہب کے نام لے کر انسان کو انسان سے لڑا دیتے ہو۔ ان کی آبرو پر ناچتے ہو اور کہتے ہو ہم سکھ ہیں، ہم مسلمان ہیں۔ ۔ ۔ ہم واہگورو جی کے چیلے ہیں، ہم رسول کے غلام ہیں۔ ‘‘
تقریر کے بعد مجمع چھٹنے لگا۔ فوجیوں کے افسر نے گرنتھی جی کا شکریہ ادا کیا۔ ان سے ہاتھ ملایا اور لاری چلی گئی۔
سب سے پہلے گرنتھی جی نے پرمیشر سنگھ کو مبارک باد دی۔ پھر دوسرے لوگوں نے پرمیشر سنگھ کو گھیر لیا اور اسے مبارک باد دینے لگے لیکن پرمیشر سنگھ لاری آنے سے پہلے حواس باختہ ہو رہا تھا تو اب لاری جانے کے بعد لُٹا لُٹا سا لگ رہا تھا۔ پھر وہ گاؤں سے نکل کر گیان سنگھ کے کھیت میں آیا۔ اختر کو کندھے پر بٹھا کر گھر میں لے آیا۔ کھانا کھلانے کے بعد اسے کھاٹ پر لٹا کر کچھ یوں تھپکا کہ اسے نیند آ گئی۔ پرمیشر سنگھ دیر تک کھاٹ پر بیٹھا رہا۔ کبھی داڑھی کھجاتا اور ادھر ادھر دیکھ کر پھر سوچ میں بیٹھ جاتا۔ پڑوس کی چھت پر کھیلتا ہوا ایک بچہ اچانک اپنی ایڑی پکڑ کر بیٹھ گیا اور زار زار رونے لگا۔ ’’ہائے اتنا بڑا کانٹا اتر گیا پورے کا پورا۔ ‘‘ وہ چلایا اور پھر اس کی ماں ننگے سر اوپر بھاگی۔ اسے گود میں بٹھا لیا پھر نیچے بیٹی کو پکار کر سوئی منگوائی۔ کانٹا نکالنے کے بعد اسے بے تحاشا چوما اور پھر نیچے جھک کر پکاری۔ ۔ ۔ ’’ارے میرا دوپٹہ تو اوپر پھینک دینا۔ کیسی بے حیائی سے اوپر بھاگی چلی آئی۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ نے کچھ دیر بعد چونک کر بیوی سے پوچھا۔
’’سنو کیا تمھیں کرتارا اب بھی یاد آتا ہے۔ ‘‘
’’لو اور سنو‘‘ بیوی بولی اور پھر ایک دم چھاجوں رو دی۔ ۔ ۔ ’’کرتارا تو میرے کلیجے کا ناسور بن گیا ہے پرمیشرے!‘‘
کرتارے کا نام سن کر ادھر سے امر کور اٹھ کر آئی اور روتی ہوئی ماں کے گھٹنے کے پاس بیٹھ کر رونے لگی۔
پرمیشر سنگھ یوں بدک کر جلدی سے اٹھ بیٹھا جیسے اس نے شیشے کے برتنوں سے بھرا ہوا طشت اچانک زمین پر دے مارا ہو۔
شام کے کھانے کے بعد وہ اختر کو انگلی سے پکڑے باہر دالان میں آیا اور بولا۔ ’’آج تو دن بھر خوب سوئے ہو بیٹا۔ چلو آج ذرا گھومنے چلتے ہیں۔ چاندنی رات ہے۔ ‘‘
اختر فوراً مان گیا۔ پرمیشر سنگھ نے اسے کمبل میں لپیٹا اور کندھے پر بٹھا لیا۔ کھیتوں میں آ کر وہ بولا۔ ’’یہ چاند جو پورب سے نکل رہا ہے نا بیٹے، جب یہ ہمارے سر پر پہنچے گا تو صبح ہو جائے گی۔ ‘‘
اختر چاند کی طرف دیکھنے لگا۔
’’یہ چاند جو یہاں چمک رہا ہے نا۔ یہ وہاں بھی چمک رہا ہو گا۔ تمھاری اماں کے دیس میں۔ ‘‘
اب کے اختر نے جھک کر پرمیشر سنگھ کی طرف دیکھنے کی کوشش کی۔
’’یہ چاند ہمارے سر پر آئے گا تو وہاں تمھاری اماں کے سر پر بھی ہو گا۔ ‘‘
اب کے اختر بولا ’’ہم چاند دیکھ رہے ہیں تو کیا اماں بھی چاند کو دیکھ رہی ہو گی؟‘‘
’’ہاں پرمیشر سنگھ کی آواز میں گونج تھی۔ ۔ ۔ ’’چلو گے اماں کے پاس؟‘‘
’’ہاں ‘‘ اختر بولا۔ ۔ ۔ ’’پر تم جاتے نہیں، تم بہت برے ہو، تم سکھ ہو۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ بولا۔ ۔ ۔ ’’نہیں بیٹے، آج تو تمھیں ضرور ہی لے جاؤں گا۔ تمھاری اماں کی چٹھی آئی ہے۔ وہ کہتی ہے میں اختر بیٹے کے لیے اداس ہوں۔ ‘‘
’’میں بھی تو اداس ہوں۔ ‘‘ اختر کو جیسے کوئی بھولی ہوئی بات یاد آ گئی۔
’’میں تمھیں تمھاری اماں ہی کے پاس لیے جا رہا ہوں۔ ‘‘
’’سچ۔ ۔ ۔ ؟‘‘ اختر پرمیشر سنگھ کے کندھے پر کودنے لگا اور زور زور سے بولنے لگا۔ ۔ ۔ ’’ہم اماں پاس جا رہے ہیں۔ پر موں ہمیں اماں پاس لے جائے گا۔ ہم وہاں سے پرموں کو چٹھی لکھیں گے۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ چپ چاپ روئے جا رہا تھا۔ آنسو پونچھ کر اور گلا صاف کر کے اس نے اختر سے پوچھا۔
’’گانا سنو گے؟‘‘
’’ہاں ‘‘
’’پہلے تم قرآن سناؤ۔ ‘‘
’’اچھا‘‘ اور اختر قُل ہو اللّٰہ پڑھنے لگا، کفواً اَحَد پر پہنچ کر اس نے اپنے سینے پر چھو، کی اور بولا۔ ۔ ۔ ’’لاؤ تمھارے سینے پر بھی چھو، کر دوں۔ ‘‘
رک کر پرمیشر سنگھ نے گریبان کا ایک بٹن کھولا اور اوپر دیکھا۔ اختر نے لٹک کر اس کے سینے پر چھوٗ کر دی اور بولا۔ ۔ ۔ ’’اب تم سناؤ۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ نے اختر کو دوسرے کندھے پر بٹھا لیا۔ اسے بچوں کا کوئی گیت یاد نہیں تھا۔ اس لیے اس نے قسم قسم کے گیت گانا شروع کیے اور گاتے ہوئے تیز تیز چلنے لگا۔ اختر چپ چاپ سنتا رہا۔
بنتو داس سر بن ورگا جے
بنتو دا منہ ورگا جے
بنتو دالک چترا جے
لوکو
بنتو دا لک چترا
’’بنتو کون ہے؟‘‘ اختر نے پرمیشر سنگھ کو ٹوکا۔
پرمیشر سنگھ ہنسا پھر ذرا وقفے کے بعد بولا۔ ۔ ۔ ’’میری بیوی ہے نا۔ امر کور کی ماں۔ اس کا نام بنتو ہے۔ امر کور کا نام بھی بنتو ہے۔ تمھاری اماں کا نام بھی بنتو ہی ہو گا۔ ‘‘
’’کیوں ؟‘‘ اختر خفا ہو گیا۔ ۔ ۔ ’’وہ کوئی سکھ ہے؟‘‘
پرمیشر سنگھ خاموش ہو گیا۔
چاند بہت بلند ہو گیا تھا۔ رات خاموش تھی، کبھی کبھی گنے کے کھیتوں کے آس پاس گیدڑ روتے اور پھر سناٹا چھا جاتا۔ اختر پہلے تو گیدڑوں کی آواز سے بہت ڈرا، مگر پرمیشر سنگھ کے سمجھانے سے بہل گیا اور ایک بار خاموشی کے طویل وقفے کے بعد اس نے پرمیشر سنگھ سے پوچھا۔ ۔ ۔ ’’اب کیوں نہیں روتے گیدڑ؟‘‘ پرمیشر سنگھ ہنس دیا۔ پھر اسے ایک کہانی یاد آ گئی۔ یہ گُرو گوبند سنگھ کی کہانی تھی۔ لیکن اس نے بڑے سلیقے سے سکھوں کے ناموں کو مسلمانوں کے ناموں میں بدل دیا اور اختر ’’پھر؟پھر؟‘‘ کی رٹ لگاتا رہا اور کہانی ابھی جاری تھی، جب اختر ایک دم بولا۔ ’’ارے چاند تو سر پر آ گیا!‘‘
پرمیشر سنگھ نے بھی رک کر اوپر دیکھا۔ پھر وہ قریب کے ٹیلے پر چڑھ کر دور دیکھنے لگا اور بولا۔ ۔ ۔ ’’تمھاری اماں کا دیس جانے کدھر چلا گیا۔ ‘‘
وہ کچھ دیر ٹیلے پر کھڑا رہا۔ جب اچانک کہیں دور سے اذان کی آواز آنے لگی اور اختر مارے خوشی کے یوں کودا کہ پرمیشر سنگھ اسے بڑی مشکل سے سنبھال سکا۔ اسے کندھے پر سے اتار کر وہ زمین پر بیٹھ گیا اور کھڑے ہوئے اختر کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کر بولا۔ ۔ ۔ جاؤ بیٹے، تمھیں تمھاری اماں نے پکارا ہے۔ بس تم اس آواز کی سیدھ میں۔ ۔ ۔ ‘‘
’’شش!‘‘ اختر نے اپنے ہونٹوں پر انگلی رکھ دی اور سرگوشی میں بولا۔
’’اذان کے وقت نہیں بولتے۔ ‘‘
’’پر میں تو سکھ ہوں بیٹے!‘‘ پرمیشر سنگھ بولا۔
’’شش‘‘ اب کے اختر نے بگڑ کر اسے گھورا۔
اور پرمیشر سنگھ نے اسے گود میں بٹھا لیا۔ اس کے ماتھے پر ایک بہت طویل پیار دیا اور اذان ختم ہونے کے بعد آستینوں سے آنکھیں رگڑ کر بھرائی ہوئی آواز میں بولا۔
’’میں یہاں سے آگے نہیں آؤں گا۔ بس تم۔ ۔ ۔ ‘‘
’’کیوں۔ ۔ ۔ ؟ کیوں نہیں آؤ گے۔ ۔ ۔ ؟ اختر نے پوچھا۔
’’تمھاری اماں نے چٹھی میں یہی لکھا ہے کہ اختر اکیلا آئے۔ ‘‘
پرمیشر سنگھ نے اختر کو پھسلایا۔ ۔ ۔ ’’بس تم سیدھے چلے جاؤ۔ سامنے ایک گاؤں آئے گا۔ وہاں جا کر اپنا نام بتانا کرتارا نہیں اختر، پھر اپنی ماں کا نام بتانا۔ اپنے گاؤں کا نام بتانا اور دیکھو، مجھے ایک چٹھی ضرور لکھنا۔ ‘‘
’’لکھوں گا‘‘ اختر نے وعدہ کیا۔
’’اور ہاں تمھیں کرتارا نام کا کوئی لڑکا ملے نا، تو اسے ادھر بھیج دینا۔ ‘‘
’’اچھا‘‘ پرمیشر سنگھ نے ایک بار پھر اختر کا ماتھا چوما اور جیسے کچھ نگل کر بولا۔
’’جاؤ!‘‘
اختر چند قدم چلا مگر پلٹ آیا۔ ۔ ۔ ’’تم بھی آ جاؤ نا۔ ‘‘
’’نہیں بھئی!‘‘ پرمیشر سنگھ نے اسے سمجھایا۔ ۔ ۔ ’’تمھاری اماں نے چٹھی میں یہ نہیں لکھا۔ ‘‘
’’مجھے ڈر لگتا ہے۔ ‘‘ اختر بولا۔
’’قرآن کیوں نہیں پڑھتے؟‘‘ پرمیشر سنگھ نے مشورہ دیا۔
’’اچھا‘‘ بات سمجھ میں آ گئی اور وہ قُل ہو اللّٰہ کا ورد کرتا ہوا جانے لگا۔
نرم نرم پو افق کے دائرے پر اندھیرے سے لڑ رہی تھی اور ننھا سا اختر دور دھندلی پگڈنڈی پر ایک لمبے تڑنگے سکھ جوان کی طرح تیز تیز جا رہا تھا۔ پرمیشر سنگھ اس پر نظریں گاڑے ٹیلے پر بیٹھا رہا اور جب اختر کا نقطہ فضا کا ایک حصہ بن گیا تو وہاں سے اتر آیا۔
اختر ابھی گاؤں کے قریب نہیں پہنچا تھا کہ دو سپاہی لپک کر آئے اور اسے روک کر بولے۔ ’’کون ہو تم؟‘‘
’’اختر۔ ‘‘
وہ یوں بولا جیسے ساری دنیا اس کا نام جانتی ہے۔
’’اختر!‘‘ دونوں سپاہی کبھی اختر کے چہرے کو دیکھتے اور کبھی اس کی سکھوں کی سی پگڑی کو۔ پھر ایک نے آگے بڑھ کر اس کی پگڑی جھٹکے سے اتار لی تو اختر کے کیس کھل کر ادھر ادھر بکھر گئے۔
اختر نے بھنا کر پگڑی چھین لی اور پھر ایک ہاتھ سے سر کو ٹٹولتے ہوئے وہ زمین پر لیٹ گیا اور زور زور سے روتے ہوئے بولا۔ ۔ ۔ ’’میرا کنگھا لاؤ۔ تم نے میرا کنگھا لے لیا ہے۔ دے دو ورنہ میں تمھیں ماروں گا۔ ‘‘
ایک دم دونوں سپاہی دھپ سے زمین پر گرے اور رائفل کو کندھوں سے لگا کر جیسے نشانہ باندھنے لگے۔
’’ہالٹ۔ ‘‘
ایک پکارا جیسے جواب کا انتظار کرنے لگا۔ پھر بڑھتے ہوئے اجالے میں انھوں نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا اور ایک نے فائر کر دیا۔ اختر فائر کی آواز سے دہل کر رہ گیا اور سپاہیوں کو ایک طرف بھاگتا دیکھ کر وہ بھی روتا چلاتا ہوا ان کے پیچھے بھاگا۔
سپاہی جب ایک جگہ جا کر رُکے تو پرمیشر سنگھ اپنی ران پر کس کر پٹی باندھ چکا تھا مگر خون اس کی پگڑی کی سیکڑوں پرتوں میں سے بھی پھوٹ آیا۔ اور وہ کہہ رہا تھا۔ ۔ ۔ ’’مجھے کیوں مارا تم نے، میں تو اختر کے کیس کاٹنا بھول گیا تھا؟ میں اختر کو اس کا دھرم واپس دینے آیا تھا یارو۔ ‘‘
اور اختر بھاگا آ رہا تھا اور اس کے کیس ہوا میں اڑ رہے تھے۔
٭٭٭

بیا جاناں

اشفاق احمد

اس نے اپنی پشت پر ایک چھوٹے سے ہاتھ کا دباؤ محسوس کیا۔ اس دباؤ میں گرمی بھی تھی اور ٹھنڈک بھی، کچھ حجاب بھی تھا اور ذرا سی بے تکلفی بھی۔ طالب نے پیچھے مڑ کر دیکھا، ایک چھوٹی سی لڑکی کندھے پر تولیہ ڈالے سر جھکائے کھڑی تھی۔
وہ ابھی کرشن نگر کی بڑی سڑک سے گلی کا موڑ مڑا ہی تھا کہ اس کی مڈبھیڑ محلے کے ننگ دھڑنگ بچوں کے ایک گروہ سے ہو گئی تھی جو ہاتھوں میں مٹی کے ڈھیلے اٹھائے ایک نالی کے دہانے پر چاند ماری کر رہے تھے۔ مئی کی چلچلاتی دھوپ میں ننگے سر پسینے میں نہائے ہوئے یہ بچے اس پلے کو اپنے ڈھیلوں کا نشانہ بنا رہے تھے جو ان کے خوف سے بھاگ کر اس غلیظ نالی میں آ گیا تھا۔ طالب نے آگے بڑھ کر دیکھا۔ سیاہ کیچڑ میں لتے ہوئے پلے کی تھوتھنی سے سرخ سرخ خون بہہ رہا تھا۔ ایک آنکھ کیچڑ کے لیپ نے بند کر دی تھی اور دوسری چسے ہوئے لیمن ڈراپ کی طرح چمک رہی تھی۔
طالب نے آگے بڑھ کر بچوں کو دھمکایا، ان کے ہاتھوں سے ڈھیلے چھینے اور ان کے پیچھے زور زور سے تالیاں بجا کر انہیں دور دور بھگا دیا۔ پھر وہ نالی کے پاس بیٹھ گیا۔ پلے نے باہر نکلنے کی تمام کوششیں بالکل ترک کر دیں اور نالی کے سوراخ میں عین نیچے دبک گیا۔ طالب نے اپنی آستینیں چڑھائیں، بازو پر بندھے ہوئے تعویذ کو اوپر بغل تک کھسکایا اور پھر منٹ کیمرہ فوٹوگرافر کی طرح پوری بانہیں سوراخ میں گھسیڑ دیں۔ پلے نے اس آہنی پنجے کو اپنی طرف بڑھتے دیکھ کر پوری مدافعت کی، ٹانگیں اکڑا کر نالی کی دیواروں میں اڑا دیں، چوں چوں کا نالہ بلند کیا۔ منہ کھول کر کاٹنے کی کوشش بھی کی لیکن طالب نے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور پلے کی مدافعتی کارروائی کے باوجود اسے نالی سے نکال کر باہر تپتی ہوئی زمین پر ڈال دیا۔ پلے نے کانی آنکھ سے پہلے تو اس کی طرف دیکھا، پھر پوستین کو جھٹکا اور آخر میں، سب اچھا کا کاشن پا کر دم دبا کر بھاگ گیا۔
نالی کے کنارے بیٹھے بیٹھے طالب نے اپنی پشت پر ایک چھوٹے سے ہاتھ کا دباؤ محسوس کیا۔ اس نے پیچھے مڑ کر دیکھا، ایک چھوٹی سی لڑکی کندھے پر تولیہ ڈالے سر جھکائے کھڑی تھی۔ اس نے سر سے پیر تک لڑکی کا بغور جائزہ لیا، اس کے پاؤں کے پاس سلور کا ایک لوٹا پانی سے لب لب بھرا رکھا تھا اور اس کے ہاتھ میں پلاسٹک کی ایک بند صابن دانی تھی۔ پھر طالب نے کہنی تک لتھڑی ہوئی اپنی بانہہ کو دیکھا جس پر چمٹے ہوئے کیچڑ سے بال صفا کی بو آ رہی تھی۔ لڑکی نے لوٹا اٹھایا اور اس نے اپنا بازو نالی پر کر دیا۔ لڑکی نے ایک قدم آگے بڑھ کر صابن دانی اس کے پاؤں کے پاس رکھ دی اور خود لوٹا اٹھا کر جھک گئی۔ جب کورے مٹکے کے ٹھنڈے پانی کی دھار اس کی بانہہ پر پڑی اور اس نے پلاسٹک کی ڈبیا سے سفید رنگ کا آدھا گھسا ہوا وہ صابن باہر نکالا جو ایکٹرسیں اپنے حسن کے نکھار کے لئے استعمال کرتی ہیں تو بال صفا کی بو اور تیز ہو گئی۔
دو مرتبہ صابن لگانے اور لوٹا بھر پانی بہانے کے بعد بھی جب طالب کی تسلی نہ ہوئی اور اس نے بچی کے کندھے سے تولیہ نہ اتارا تو سامنے کی کھڑکی سے آواز آئی۔ ‘’رانی! پانی اور لے جا۔ ’‘
طالب نے چہرہ اٹھا کر اوپر دیکھا۔ وہ سفید ململ کا کلیوں والا کرتہ پہنے کھڑی تھی اور اس کے سینے پر چاندی کے بٹنوں کی زنجیر لٹک رہی تھی۔ طالب کو اپنی طرف اس طرح دیکھتا پا کر وہ ایک دم پلٹی اور اس کے جوڑے سے موتیے کا ایک پھول ٹوٹ کر نیچے گر گیا۔
رانی پانی کا دوسرا لوٹا بھر کر لائی تو طالب نے پوچھا۔ ‘’یہ تمہاری کون ہیں ؟’‘ رانی نے سر نہوڑا اور گردن گھما کر کہا۔ ‘’میری باجی ہیں۔ ’‘ طالب نے کہا۔ ‘’بہت اچھی ہیں تمہاری باجی، تمہیں مارتی تو نہیں ؟’‘
‘’نہیں !’‘ رانی نے کھلکھلا کر کہا۔ ’‘ باجیاں بھی کوئی مارا کرتی ہیں۔ ’‘
طالب نے کہا۔ ‘’میری باجی تو....’‘ اور پھر وہ ایک دم خاموش ہو گیا۔ رانی نے اٹھلا کر پوچھا۔ ‘’کیوں آپ کی باجی آپ کو مارتی ہیں کیا؟’‘
طالب نے اپنے آپ سے کہا۔ ‘’ہاں بس ایک دفعہ مارا ہے اور عمر بھر کے لئے ہم سب کو مار کے رکھ دیا ہے۔ ’‘
رانی نے حیران ہو کر پوچھا۔ ‘’پھر بھی آپ اپنی باجی سے بولتے ہیں ؟’‘ طالب اٹھ کھڑا ہوا اور تولیے سے ہاتھ پونچھتے ہوئے بولا۔ ‘’ہم تو اس سے بولتے ہیں۔ پر وہ ہی ہم سے بولنا پسند نہیں کرتی۔ ’‘ اور یہ کہتے ہوئے اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس نے رانی کا سر سہلاتے ہوئے پیار سے کہا۔ ‘’اپنی باجی سے کہنا شکریہ۔ ’‘ رانی نے اثبات میں سر ہلایا اور لوٹا اور صابن اٹھا کر اپنے گھر کی سیڑھیاں چڑھ گئی۔
اسی گھر کی پہلو والی گلی میں اسی گھر کے پچھواڑے طالب کو جانا تھا۔ مضبوط اینگل آئرن کے فریم میں لہریا ٹین کی چادروں کو جکڑے پھاٹک اندر سے بند تھا۔ اس نے پھاٹک دھکیلنے کی کوشش کی لیکن چادریں دھوپ کی حدت سے انگارہ سی گرم تھیں اور ان پر ہاتھ نہ رکھا جا سکتا تھا۔ طالب نے پھاٹک کو انگلی سے بجایا اور پھر پھاٹک پر لگی ہوئی بانس کی قوسیں سیڑھی میں عشق پیچاں کی بیل کو دیکھنے لگا جس میں اکا دکا کاسنی پھول کھلے ہوئے تھے۔ اس نے ایک بار پھر پھاٹک کو بجایا اور برجی پر لٹکتی ہوئی نیم پلیٹ کو دھپا مار کر اس پر سے گرد جھاڑی۔ تختی ٹپٹپائی اور اس پر لکھے ہوئے محمد حنیف اے-ایل ایم کے حروف دو چند، سہ چند بلکہ دہ چند ہو کر کانپے اور پھر اپنی جگہ جا چمٹے۔
پھاٹک کھلا، دو فٹ چوڑے شگاف کے سامنے ایک سادھو کھڑا تھا۔
گیروے رنگ کی چادر گلے میں باندھے، کلائیوں میں موٹے منکوں کی مالا، پاؤں میں کھڑاویں، کانوں میں لاکھ کے بالے، سادھو نے طالب کو اشیر باد دی اور پھر بڑے سادھارن طور پر کہا۔ ‘’کیا بات ہے بابا! کیسے آئے؟’‘
طالب دیر تک بھونچکا کھڑا رہا۔ وہ ایک مرتبہ پہلے بھی یہاں آیا تھا۔ لیکن یہاں کوئی سادھو نہیں رہتا تھا اس دن گو حنیف اسے اس پھاٹک پر ہی ملا تھا لیکن آثار بتاتے تھے کہ یہ گھر ہی تھا کوئی مٹھ نہیں تھا۔ جب سادھو نے طالب کو ا س طرح مورتی بنے دیکھا تو اس نے پھر بڑے پریم سے پوچھا۔ کہو بابا! کس سے ملنا ہے؟’‘
طالب نے گلا صاف کر کے کہا۔ ‘’جی مجھے حنیف صاحب سے ملنا ہے۔ ’‘
‘’تو اندر آؤ!’‘ سادھو نے کوملتا کے ساتھ کہا۔ ‘’میاں دھوپ میں کھڑے کیوں حیران ہو رہے ہو۔ ’‘ طالب اندر داخل ہوا تو سادھو نے پٹ بھیڑ کے زنجیر ڈال دی اور کھڑاویں بجاتا ہوا کوٹھڑی کی طرف چل دیا۔
مکانوں کی پشتوں کے درمیان گھری ہوئی یہ جگہ کوئی چار مرلے سے زیادہ نہ ہو گی۔ تین مرلے کا صحن تھا اور ایک کونے میں ایک کوٹھڑی تھی، پھاٹک کے پاس پانی کا نل لگا تھا جس کی تلتلی کیاریوں کو پانی دے رہی تھی۔ صحن کے بیچوں بیچ کوئی دو فٹ چوڑی چوپڑ کی روشیں تھیں اور چاروں پلاٹوں میں پانی میں ڈوبی ہوئی گھاس کہیں کہیں سے سر نکال رہی تھی۔ ان پلاٹوں کے کناروں پر موتیے اور گلاب کے پودے تھے جو دھوپ سے سنولائے ہوئے تھے۔ طالب دونوں روشوں کے کٹاؤ پر کھڑا دیر تک اس ماحول کا جائزہ لیتا رہا۔ گرمیوں کی سہ پہر تھی لیکن گرمی کا وہی عالم تھا جو ایک ڈیڑھ بجے دن کے ہوتا ہے۔ اس نے دھول میں اٹے ہوئے گلاب اور موتیے کے پھولوں کو دیکھا اور پھر ایک نظر کوٹھڑی پر ڈالی۔ سادھو دروازے پر کھڑا اس کا انتظار کر رہا تھا۔ جب طالب اس کی طرف بڑھا تو وہ مسکرایا اور اپنادایاں ہاتھ ہوا میں بلند کر کے الکھ نرنجن کا دھیما سا نعرہ مارکر اندر کوٹھڑی میں داخل ہو گیا۔
کوٹھڑی میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک کھجور کی چٹائی بچھی تھی اور اس پر حنیف، ایک اور نوجوان اور سادھو آلتی پالتی مارے بیٹھے تھے۔ اندر اگربتیاں سلگ رہی تھیں، روشنی بہت کم تھی اور باہر کے مقابلے میں یہاں بڑی ٹھنڈک تھی۔ طالب کو دیکھ کر حنیف نے اللہ ہو کا نعرہ مارا اور اٹھ کر ناچنے لگا۔ طالب دیوار کے ساتھ لگ کر کھڑا ہو گیا تو سادھو نے کہا۔ ’’بیٹھو، بیٹھو بابا، کھڑے کیوں ہو!’‘ طالب نے جوتیاں اتار دیں اور چٹائی پر دو زانوں بیٹھ گیا۔ تیسرا نوجوان دیوار سے ٹیک لگائے بیٹھا تھا۔ اس کی گود میں لمبی تسبیح تھی جس میں کوئی دس ہزار دانے ہوں گے۔ یہ تسبیح اس کی گود میں ہو کر چٹائی کے دوسرے سرے تک پھیلی ہوئی تھی اور اس کا ایک کنارہ سادھو کی ران کو چھو رہا تھا۔ حنیف کے بدن پر چوڑے پھینٹوں والا ایک لمبا سا کرتہ تھا جو اس کی پنڈلیوں کو چھو رہا تھا۔ اس کے سر پر قلندروں والی ٹوپی تھی اور وہ چٹکیاں بجا بجا کر اور منہ سے ‘’چھواوچھی چھواوچھی ای’‘ کی آواز نکال کر گا رہا تھا۔
نمی دانم کہ آخر چوں دم دیدار می رقصم
مگر نازم باں قسمت کہ پیش یار می رقصم
جب وہ پیش یار می رقصم کی تکرار کرتا تو دونوں ہتھیلیاں دیوار پر رکھ کر اپنا سر زور زور سے دیوار پر مارتا اور سارا کمرہ اس کی سرشوری سے گونجنے لگتا۔ سادھو آنکھیں موندے کھڑی پھاوڑی پر بازو جمائے گیان دھیان میں ڈوبا تھا۔ اس کا سر گھٹا ہوا تھا اور داڑھی مونچھ صفا چٹ تھی۔ پسینے کے قطرے اس کے چہرے پر عیاں تھے پر وہ اپنی لگن میں سنسار سے ناطہ توڑ کر بیٹھا تھا۔
حنیف سجدے میں گر کر چٹائی کو دونوں ہاتھوں سے نوبت کی طرح بجا رہا تھا اور سانپ کے پھن کی طرح آدھا دھڑ زمین سے اٹھا اٹھا کر فریاد کر رہا تھا۔
بیا جاناں تماشا کن کہ در انبوہ جانبازاں
بہ صد سامان رسوائی سر بازار می رقصم
اس شعر کا ورد کرتے کرتے وہ سجدے سے اٹھا اور کوٹھڑی میں پاگلوں کی طرح دوڑنے لگا۔ پھر اس نے اپنا گریبان چاک کر ڈالا اور اپنے چہرے کو طمانچوں سے لال کر دیا۔ اچانک اس سیاہ فام نوجوان نے جو صرف ایک جانگھیا پہنے تھا تسبیح پر اپنا ہاتھ روک دیا اور آنکھیں کھول کر طالب کی طرف دیکھ کر بولا۔ ‘’بابو!’‘
خ خلق خدا دی علم پڑھ دی، اساں کیتا مطالعہ یار دا اے
جنہاں کھول کے عشق کتاب ڈٹھی، صیغے صرف دے سب و سار دا اے
جنہاں یار دے ناں دا سبق پڑھیا، اوتھے جا نہ صبر قرار دا اے
حیدر ملاں نوں فکر نماز دا اے تے اہناں عاشقاں طلب دیدار دا اے
الف آن بن ان بن ان بن تھیں اک سمجھ اساڈی ڑی رمز میاں
اور پھر تینوں آرام سے بیٹھ کر ‘’الف ان بن ان بن ان بن تھیں اک سمجھ اساڈڑی رمزمیاں ’‘ کا ورد میٹھے اور سریلے بولوں میں کرنے لگے۔ طالب اپنی جگہ پر گم سم حیران و پریشان بیٹھا تھا اس ورد کی ہوک سے سارا کمرہ وچتر دنیا کی طرح آہیں بھرنے لگا۔ جب یہ ورد تھما تو سادھو نے دایاں ہاتھ ہوا میں اٹھا کر حنیف سے کہا۔ ‘’بابا تیرے گھر بھگوان آئے ہیں۔ ’‘ حنیف دونوں ہاتھ جوڑ کر طالب کے سامنے بیٹھ گیا۔ طالب نے گھبرا کر کہا۔ ‘’آپ نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کل اپنے دوست مسعود سٹینو سے مجھے ملائیں گے لیکن آپ اس کے دفتر پہنچے ہی نہیں۔ ’‘
حنیف نے سجدے میں گر کر کہا۔ ‘’مجھ سے بھول ہوئی سائیں۔ میں تیرا گنہگار ہوں۔ تیرا دین دار ہوں۔ مار چاہے چھوڑ، میں تیرا گنہگار ہوں۔ ’‘
طالب نے کھسیانے ہو کر کہا۔ ‘’نہیں ایسی تو کوئی بات نہیں، آخر آدمی بھول بھی سکتا ہے۔ ’‘
‘’آدمی؟’‘ حنیف نے ہنس کر کہا۔ ‘’سائیں جی آدمی! آہاہاہا.... گیانی جی آدمی کیا ہوتا ہے؟’‘.... اور وہ سیاہ فام نوجوان جو تسبیح پڑھ رہا تھا، اسی طرح دیوار سے ٹیک لگائے بولا۔ ‘’آدمی بہت بڑی چیز ہے۔ ہم تو آدمی کے پیر کی دھول بھی نہیں۔ ’‘
‘’نہیں نہیں نہیں۔ ’‘ سادھو نے کانوں کو ہاتھ لگایا اور اس کے گجرے کہنیوں تک آگرے۔
پھر حنیف نے سادھو کے پیر پکڑ کر کہا۔ ‘’بابا جی میرا پیر دیکھا۔ ’‘
سادھونے اس کا کندھا تھپک کر کہا۔ ‘’دیکھا دیکھا، من پرسن ہو گیا، کلپنا مٹ گئی، ہرے ہرے ہرے۔ ’‘
حنیف سادھو کے پاؤں اسی طرح پکڑے ہوئے بولا۔ ‘’سائیں تو میرا مادھو ہے، میرا مادھو لال ہے۔ میرا مادھو لال حسین ہے۔ ’‘
سادھو نے آنکھیں بند کر لیں تو حنیف نے اس کے پاؤں پر سر رگڑ رگڑ کر کہنا شروع کیا۔
ساجن تیرے رو سڑے، موہے آدر کرے نہ کوئے
در دن کرن سہیلیاں، میں تر تر تاکوں توئے
پھر اس نے یک دم پلٹ کر کہا۔ ‘’یہ میرے مادھو لال حسین نے فرمایا ہے۔ میرے لال حسین نے، میرے لال بادشاہ نے۔ میں تر تر تاکوں توئے۔ ’‘
طالب کی سمجھ میں کچھ نہیں آتا تھا کہ وہ اس دنیا میں ہے یا کسی اور جگ میں پہنچ گیا ہے۔ یہ لاہور ہے یا بندرابن، کاشی ہے یا کرشن نگر۔ جس دن وہ پہلی مرتبہ حنیف سے ملا تھا تو حنیف اچھا خاصا اس کی طرح کا آدمی تھا۔ اس کی جیب میں پلاس تھا، کندھے پر سی ٹی تار کا گچھا تھا اور اس نے نیلے رنگ کی پتلون پہن رکھی تھی۔ چلتے وقت اس نے اپنا تعارفی کارڈ بھی طالب کو دیا تھا جس پر محمد حنیف اے۔ ایل۔ ایم لکھا تھا اور تھوڑی دیر کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد طالب نے ڈرتے ڈرتے اس سے اے۔ ایل۔ ایم کا مطلب بھی پوچھا تھا جو شاید غلطی سے ایم۔ ایل۔ اے کی بجائے اے۔ ایل۔ ایم چھپ گیا تھا۔
اس وقت حنیف نے بڑے دوستانہ طریق پر اس کا کندھا تھپک کر کہا تھا۔ ‘’نہیں، اس کا مطلب اسسٹنٹ لائن مین ہے اور میں واپڈا میں ملازم ہوں۔ ’‘ اس کے کوئی ایک ہفتے بعد طالب نے حنیف کو بتی والے چوک پر کھمبے پر چڑھے فیوز لگاتے بھی دیکھا تھا۔ پر اب تو اس کا نقشہ ہی کچھ اور تھا۔
طالب کو یوں حیرت میں ڈوبے دیکھ کر سادھو نے کہا۔ ‘’کیا بات ہے بابا؟ کیا چنتا ہے تیرے من کو؟’‘
طالب نے دل کڑا کر کے کہا۔ ‘’سادھو جی! مجھ پر اس آشرم کا بھید نہیں کھلا۔ ’‘
گیانی نے دیوار سے ٹیک توڑ کر کہا۔ ‘’جب تک من اور تن میں چھینا جھپٹی رہے گی یہ بھید ہی رہے گا۔ جب تک من کی کوک، فریاد نہ ہو گی یہ کواڑ بند ہی رہیں گے۔ با با فرماتے ہیں۔
کوک فریدا کوک توں جیوں ٹانڈا جوار
جب لگ ٹانڈا نہ گرے تب لگ کوک پکار
کوک پکار کا نام سن کر حنیف فریاد کرنے لگا اور اس کی آنکھوں سے آنسوؤں کا چشمہ بہہ نکلا۔ اس نے روتے روتے طالب کا ہاتھ تھام کر کہا۔ ‘’سائیں میں کیا ہوں ؟ کچھ بھی نہیں ہوں ناں ! یہ سب مایا ہے ناں ! یہ وجود فانی ہے ناں .... بول سائیں .... بول....تو آج اگر جلدی آ جاتا تو تجھے اپنے پیر سے ملاتا.... کیوں گیانی جی؟’‘ گیانی نے سرپر ہاتھ رکھ کر کہا۔ ‘’بڑی تڑپ دے گیا ہے تیرا پیر.... تیرا کیا، ہم سب کا پیر.... ہائے ہائے نہ لاہور میں کوئی اسٹیشن ہوتا.... نہ گاڑی ہوتی.... نہ گاڑی ہوتی نہ رکتی.... نہ ہم پیر کی زیارت کر کے دل کو زخم لگاتے.... اک اونکار.... اک اونکار....’‘
پھر سادھو اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔ اس نے ہاتھ باندھ کر کہا۔ ‘’میں مٹھ کو اشنان کرا دوں۔ ’‘ حنیف نے اس کے پیر پکڑ کر کہا۔ ‘’نہ سائیں تیرے چاکر موجود ہیں، تیرے گولے حاضر ہیں۔ ’‘ سادھو نے جھک کر اس سے اپنے پیر چھڑاتے ہوئے کہا۔ ‘’اوم شانتی شانتی’‘ اور کھڑاویں پہن کر باہر صحن میں نکل گیا۔
حنیف نے گیانی کے آگے ہاتھ باندھ کر کہا۔ ‘’گیانی جی! آج ان کو بڑی تکلیف ہوئی۔ اس دھوپ میں یہ ہمارے یہاں آئے، مجھ سے بھول ہوئی جو میں وقت پر وہاں نہ پہنچ سکا۔ یہ اس کا روپ ہے اور میری وجہ سے اس کو.... اس بڑی سرکار کو تکلیف ہوئی۔ ’‘ گیانی نے آنکھیں بند کر کے سر پیچھے ڈھلکا دیا اور کہا۔ ‘’پرائسچت پرائسچت توبہ استغفار۔ سوچ با با لوک تو نے کیا کیا۔ ’‘
طالب نے کہا۔ ‘’نہیں جی مجھے تو کوئی ایسی تکلیف نہیں ہوئی، میں سارا دن اسی طرح تو مارا مارا پھرتا ہوں۔ ’‘
‘’ہائے ہائے ہائے۔ ’‘ گیانی نے ماتھے پر ہاتھ مار کر کہا۔ ‘’ہمارا بابا لوک حضرت سینٹ فرانس بھی تو اسی طرح مارا مارا پھرتا تھا، ولیوں کا ولی.... بندوں کا بندہ.... با با لوک تو مارا مارا پھرتا ہے تو توُ بھی ولی ہے۔ ’‘
حنیف نے اپنے دونوں ہاتھ سینے پر باندھ لئے اور بے خودی کے عالم میں بولا۔ ‘’میری ماں .... میری بی بی حضرت رابعہ بصری بھی تو اسی طرح ماری ماری پھرتی تھی۔ حضور نے فرمایا.... گیانی نے اک دم ٹوکا۔ ناں ناں ناں حضور کا نام یہاں نہ لینا۔ ہم دنیا کے کتے....لو بھی.... ‘’مایا کے بندے نہ بابا لوگ.... دل کی میل دور کر کے یہ نام لینا.... نہ با با لوک....’‘ حنیف نے کانوں کو ہاتھ لگایا اور اس پر رقت طاری ہو گئی۔
باہر نل سے پانی کے تیز دھارے کی آواز آنے لگی۔
گیانی نے کہا۔ ‘’سادھو رات کا جاگا ہے با با لوگ۔ ’‘
حنیف نے اسے دونوں کندھوں سے پکڑ کر بٹھا لیا اور کہا۔ ‘’گیانی جی! چاکروں کے ہوتے ہوئے مالک کام نہیں کرتے۔ ’‘
‘’مالک’‘ گیانی نے اپنے آپ کو دیکھ کر کہا۔ ’‘ مالک....میں مالک.... مجھے طعنہ دیتے ہو بابا لوک، ٹھیک کہتے ہو.... ٹھیک کہتے ہو....’‘
اس نے پھر دیوار کے ساتھ ٹیک لگا لی۔ آنسوؤں کے دو موٹے موٹے قطرے اس کے رخساروں پر ڈھلکے اور پھر نیچے لڑھک گئے۔
اب باہر سے سادھو کی آواز آ رہی تھی۔ وہ کھڑتالیں بجا رہا تھا اور میرا کا بھجن مدھم سروں میں گا رہا تھا۔ پانی کا دھارا اور تیز ہو گیا اور باہر دھوپ کی روشنی منڈیروں پر جا پہنچی تھی۔ طالب نے ڈرتے ڈرتے گیانی کا زانو ہلایا۔ گیانی نے آنکھیں کھول دیں۔
طالب نے پوچھا۔ ‘’گیانی جی یہ سب کیا ہے؟ میں کیا ہوں .... تم کون ہو؟’‘
‘’یہ سب مایا ہے۔ ’‘ گیانی نے آرام سے کہا۔ ‘’تم اینٹ پتھر کی دنیا میں ہو.... ہم لو بھی ہیں، کرودھی ہیں، اہنکاری ہیں ....’‘
طالب نے کہا۔ ‘’گیانی تم کہاں رہتے ہو؟ کس دیس سے آئے ہو؟ کیا کام کرتے ہو؟’‘
گیانی نے کہا۔ ‘’بابا لوک! ہمارا گھر نہیں گھاٹ نہیں .... کوئی دیس نہیں، بھیس نہیں .... ہم کونج ہیں بابا لوک.... ہر دم آگے....ہر دم آگے....’‘
طالب نے پھر جھکتے ہوئے پوچھا۔ ‘’یہ تم کام کیا کرتے ہو گیانی؟’‘
‘’ہم چپراسی ہیں بابا لوک۔ اس ساتھ کی بستی میں نوکری کرتے ہیں .... صاحب کا پھاٹک کھولتے ہیں، بند کرتے ہیں .... پر سچا صاحب ہمیں منہ نہیں لگاتا.... میرے بابا سائیں فرماتے ہیں : فریدا چنت کھٹولا دان دکھ برہا وچھاون لیف ایہہ ہمارا جیوناتوں صاحب سچے دیکھ....’‘ طالب نے کہا۔ ‘’لیکن تم تو صوفی ہو.... سالک ہو.... بزرگ ہو۔ ’‘
گیانی نے اس کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا۔ ‘’ناں ناں ناں۔ ’‘ اس نے چیخ کر کہا۔ ’’ہم لوبھی ہیں، کامی ہیں، اہنکاری ہیں .... تم اچھے ہو بابا لوک، ہم اپنے اپنے چور چھپائے پھرتے ہیں۔ تم ظاہر باطن ایک ہو۔ ’‘
طالب نے کہا۔ ‘’اور سادھو کا کیا نام ہے۔ ’‘
گیانی نے کان چھو کر کہا۔ ‘’سادھو سید زادہ ہے بابا لوک، ہم اس کا نام نہیں لے سکتے.... اس کا درجہ بہت بڑا ہے۔ جاؤ جاؤ بابا لوک باہر بگیا کی ہوا کھاؤ.... من شانت کرو۔ ’‘
طالب نے اس کے قریب دو زانوں ہو کر کہا۔ ‘’گیانی! میں بھی اس آشرم میں داخل ہونا چاہتا ہوں۔ ’‘ اس کا دل گیانی کے قدم چھونے کو چاہتا تھا لیکن اسے حوصلہ نہ ہوا۔
گیانی مسکرایا.... پھر ہنسا.... اور دیر تک ہنستا رہا.... باہر سادھو میرا کابھجن گا رہا تھا اور اب اس پر حنیف کی خوبصورت قرا ¿ت غالب آنے لگی تھیں .... وہ خالص مصری لہجے میں ‘’سورة یٰسین’‘ کی قرا ¿ت کر رہا تھا۔ طالب نے ڈرتے ڈرتے گیانی کے پیر چھوکر کہا۔ ‘’سائیں !’‘

گیانی نے اپنے پیر پیچھے کھینچ لئے اور کہا۔ ‘’مایا ہے، سب مایا بابا لوک.... تم ٹھیک ہو، صحیح راستے پر ہو۔ ’‘
طالب نے کہا۔ ‘’گیانی! میں جان دے دوں گا لیکن لیکن....’‘ اور پھر اس کی آواز بھرا گئی۔
گیانی نے انگلی اوپر اٹھا کر کہا۔ ‘’ایک!’‘
طالب نے دہرایا۔ ‘’ایک’‘
گیانی پھر بولا۔ ‘’ایک’‘
طالب نے کہا۔ ‘’ایک’‘
گیانی تڑپ کر کھڑا ہو گیا اور ایک انگلی فضا میں کھڑی کرتے ہوئے بولا۔ ‘’ایک اونکار ست نام، کرتا پرکھ، نربھونردیر، اکال مورت، اجونی سے بھنگ گور پر ساو! آوسچ جگاد سچ، ہے بھی سچ، نانک، ہوسی بھی سچ۔ ’‘ اور پھر وہ اپنی انگلی کو فضا میں اسی طرح اٹھائے باہر آنگن میں نکل گیا۔
طالب کتنی دیر تک اس کوٹھڑی میں چٹائی پر بیٹھا اِرد گِرد دیواروں کو تکتا رہا۔
جب وہ باہر نکلا تو دھوپ جا چکی تھی۔ آنگن میں ٹھنڈک تھی اور گلاب اور موتیے کے دھلے دھلائے پھول مہک رہے تھے۔
سادھو اپنے گیروے رنگ کے ابرن میں، پانی ڈوبی گھاس میں بیٹھا خاموش جپ کر رہا تھا۔ حنیف نل کے پاس اوندے منہ لیٹا تھا اور اس کے تڑپنے سے بہت سا گارا اس کی پنڈلیوں، پاؤں اور ہاتھوں سے چمٹا ہوا تھا۔ اس نے اپنا ماتھا بار بار زمین پر مارا تھا اور وہاں خون کا ایک بڑا سا دھبہ تھا۔ گیانی نل کے منہ پر پلاسٹک کی سبز ٹیوب چڑھائے، پودوں کا منہ دھلا رہا تھا اور گھروں کی عقبی دیواروں کو جو ان کی بگیا کی چار دیواری بناتی تھیں، پانی کے فوارے سے ٹھنڈی کر رہا تھا۔ طالب چوپڑ کی روش پر دو زانو بیٹھ گیا۔ اس کے کپڑوں پر دیواروں سے ٹکرانے والے چھینٹے آ کر گرتے تھے، پر وہ خوش تھا۔ ایک طرح کی عجیب ٹھنڈک تھی جو اس کے دل و دماغ کو تازہ کر رہی تھی اس میں جسمانی آسودگی کم تھی، روحانی ٹھنڈک زیادہ تھی اسے کچھ یوں محسوس ہونے لگا کہ اس جلتی جھلستی دنیا میں بس ایک ہی نخلستان ہے کہ جہاں بیٹھ کر آدمی بڑے گہرے اور بڑے دیر پا دکھ سمیٹ سکتا ہے جن کی لذت کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔
سیلی سیلی زمین کی کچی ٹھنڈک اور پانی میں رچی ہوئی سرخ سرخ دیواروں سے پلٹ کر اس پر گرنے والے چھینٹے اسے اڑائے لئے جاتے تھے۔ اس زمین پر اوپر، پھاٹک کے اوپر، برجیوں کے اوپر، اس چھجے کے اوپر وہی لڑکی کھڑی تھی۔ اس کے جوڑے کا گجرا ایک طرف سے کھل گیا تھا اور اس کے بٹنوں کی زنجیر چاند کی ٹھنڈی کرن بن کر اس کے سینے سے چمٹی ہوئی تھی۔ طالب نے اسے دیکھا اور پھر دیکھتا چلا گیا۔ وہ تصوف کی غلام گردش میں ابوالخیر کی رباعی کی طرح منور کھڑی تھی۔
طالب نے ہاتھ اٹھا کر کہا۔ ‘’یہ نروان ہے....’‘ پانی کے شور میں گیانی کو کچھ سنائی نہ دیا تو طالب نے چلا کر کہا۔ ‘’گیانی! یہ نروان ہے؟’‘ گیانی کی نگاہیں ادھر اٹھیں تو اس نے چیخ مار کر ٹیوپ چھوڑ دی اور’‘ مایا .... مایا.... موہ، موہ’‘ کی چیخیں مارتا اندر کوٹھڑی میں گھس گیا۔ سادھو ہری جاپ کرتا اندر بھاگا اور حنیف بے خودی کے عالم میں لڑکھڑاتا ہوا طالب کے پاس سے گزر کر مٹھ کے اندر چلا گیا۔
طالب کتنی ہی دیر تک بیٹھا ادھر ادھر دیکھتا رہا اور پھر منور غلام گردش میں اندھیرا چھا گیا۔
اندر تینوں تپسوی توبہ استغفار اور پرائسچت میں مصروف تھے۔ ان کی آہوں اور کراہوں سے کوٹھڑی گونج رہی تھی۔ طالب اپنا سر زانوؤں میں دبا کر ایک کونے میں بیٹھ گیا۔ اب اس کا دل ملامت کر رہا تھا کہ اس نے بھی بھاگ کر مٹھ میں کیوں پناہ نہ لی۔ وہ ٹھنڈک اور وہ شبنمیں رسمساہٹ جو اس کے وجود کو نصیب ہوئی تھی اس سے کوسوں دور بھاگ چکی تھی اوروہ ایک مرتبہ پھر بھری دنیا میں اکیلا اور بے یارومددگار ہو گیا تھا۔ اس نے سر اٹھا کر صوفیوں میں سے کسی کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی مگر وہ اس وقت اپنے آپ سے بہت دور تھے۔
وہ پھر سر زانوؤں میں دبا کر بیٹھ گیا اور اپنے کئے پر پچھتانے لگا۔ یوں بیٹھے بیٹھے کتنی ہی مدت بیت گئی اور پھر جیسے اس نے اپنی پشت پر ایک چھوٹے سے ہاتھ کا دباؤ محسوس کیا۔ اس دباؤ میں گرمی بھی تھی اور ٹھنڈک بھی۔ کچھ حجاب بھی تھا اور ذرا سی بے تکلفی بھی۔ اس نے سر اٹھا کر اور پیچھے مڑ کر دیکھا، رانی سر جھکائے کھڑی تھی۔
طالب کی سرخ سرخ آنکھوں کو دیکھ کر سہم سی گئی۔ پھر حوصلہ کر کے بولی.... ‘’باجی آئی ہیں۔ ’‘
‘’کون باجی؟’‘ طالب نے تڑپ کر پوچھا۔
‘’باجی’‘ اس نے وثوق سے کہا۔ ‘’میری باجی’‘
باہر چوپڑ کی روش پر، مٹھ کے پاس باجی سفید قمیص اور سفید دوپٹہ اوڑھے کھڑی تھی۔ بگیا میں اب موتیے کی خوشبو تیز ہو گئی تھی۔ اس نے سر اوپر اٹھائے بغیر کہا۔ ‘’میں نے کئی مرتبہ یہاں آنے کی ہمت باندھی لیکن مجھے کبھی حوصلہ نہ ہوا۔ آج آپ کو یہاں دیکھ کر میں نے یہ جرا ¿ت کر ہی لی۔ میں ان سے ملنا چاہتی ہوں۔ ’‘
‘’کن سے۔ ’‘ طالب نے ڈرتے ڈرتے پوچھا۔
‘’ان میں سے کسی سے بھی۔ مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ شاید ان سے بات کر کے مجھے سکون نصیب ہو گا۔ مجھے ذہنی آسودگی میسر آئے گی اور.... اور....’‘
‘’لیکن!’‘.... طالب نے بات کاٹ کر کہا۔ ‘’یہ لوگ آپ سے ہر گز نہیں ملیں گے۔ ’‘
‘’باجی نے التجا بھرے لہجے میں کہا۔ ‘’آپ ان سے درخواست تو کر کے دیکھیں .... شاید....شاید....’‘اور پھر اس نے منہ دوسری طرف موڑ لیا۔
طالب نے کہا۔ ‘’مجھے معلوم ہے نا، یہ آپ سے ہر گز بات نہ کریں گے۔ ’‘
باجی ہولے سے بولی۔ ‘’آپ کو دیکھ کر ایک ہلکی سی امید بندھی تھی۔ وہ بھی ٹوٹ گئی۔ ’‘ پھر اس نے جیسے اپنے آپ سے کہا۔ ‘’پتہ نہیں یہ سب حیرت کی بنا پر ہے یا نامانوس ماحول کی وجہ سے.... مجھے ان سے ملنے کی بڑی آرزو تھی.... اب بھی ہے اور پتہ نہیں کب تک رہے گی.... اور پھر پتہ نہیں آدمی خود کب تک رہتا ہے.... چل رانی چلیں ....’‘ وہ مڑنے لگی تو اندر سے حنیف کی آواز آئی۔
‘’کیا بات ہے بابا.... کون ہے؟’‘
طالب نے کہا۔ ‘’رانی کی باجی آئی ہے.... وہ آپ لوگوں سے ملنا چاہتی ہے۔ ’‘
‘’ہری ہر.... ہری ہر.... ‘‘سادھو نے کہا۔ ‘’کیا بات ہے ماتا.... کیوں ملنا چاہتی ہو؟’‘ باجی خاموش رہی تو سادھو نے پکار کر کہا۔ ‘’چنتا ماتا بولو۔ ’‘
‘’بولو میری بہن.... میری ماں .... میری بیٹی، کیا بات ہے؟’‘ حنیف نے پوچھا۔
‘’کچھ نہیں۔ ’‘ باجی نے ہولے سے کہا۔ ‘’کچھ نہیں۔ ’‘
گیانی نے پکار کر کہا۔ ‘’ماتا تو مایا ہے.... تو قدم قدم پر چک پھیری دیتی ہے۔ ہم سادھو ہیں، درویش ہیں۔ ہم اس گورو کے چیلے ہیں جو اسیسی کی پہاڑیوں میں صلیب اٹھائے مارا مارا پھرتا تھا.... بول ماتا۔ ’‘
‘’بول ماتا’‘ سادھو نے کہا۔ ‘’ہم تیرے ہاتھ جوڑتے ہیں، ہمارے آشرم میں تیرا کیا کام۔ ’‘ باجی سر جھکائے خاموش کھڑی رہی!
‘’بول چتنا منی’‘ حنیف نے کہا ‘’بول چنتا ماتا۔ اگر تجھے پسند نہیں تو ہم یہ آشرم چھوڑ کر کہیں اور چلے جائیں گے.... تو ماتا ہے، تیری ہر آ گیا کا پالن ہمارا دھرم ہے۔ ’‘
سادھو نے کہا۔ ‘’ہم یہ آشرم چھوڑ دیں ....’‘، ’’نہیں .... نہیں ’‘ باجی نے رو کر کہا۔ ‘’نہیں میں یہاں پھر نہیں آؤں گی۔ اس آشرم میں پھر قدم نہیں رکھوں گی۔ ’‘ یہ کہتے ہوئے وہ رانی کی انگلی تھام کر پھاٹک سے باہر نکل گئی۔
طالب نے ڈرتے ڈرتے مٹھ میں قدم رکھا تینوں سادھوؤں کو سکتے کے عالم میں پایا۔ وہ کوٹھڑی کی دہلیز سے لگ کر کھڑا ہو گیا۔ دور گرجے کا گھڑیال گونجنے لگا۔ گیانی نے آنکھیں کھول کر اپنے سینے پر صلیب کا نشان بنایا اور گھمبیر آواز میں کہنے لگا۔
‘‘Are maria piena di grazia il signor con te. Tu sei benedetta fra le donne ebenedetto eil frutto del ventro tuo Gesu.’’
اور اس شام طالب کو حنیف کے دوست مسعود سٹینو کے لئے حنیف سے جو تعارفی خط لینا تھا وہ اسے لئے بغیر آشرم کا دروازہ آہستہ سے کھول کر اور دھیرے سے بند کر کے گھر چلا آیا۔
کوئی تین ماہ بعد شیخوپورہ سے واپسی پر جب طالب کو اس بات کا یقین ہو گیا کہ مسعود سٹینو کی امداد اس کا نصف سے زائد کام سرانجام دے دے گی تو وہ ایک مرتبہ پھر حنیف کے دفتر گیا۔ لیکن حنیف سے اس کی ملاقات نہ ہو سکی۔ آشرم جانے سے وہ کتراتا تھا، اس لئے اس نے ملاقات اگلے دن پر ملتوی کر دی۔ اگلے دن دفتر سے پتہ کر کے وہ سیدھا اس جگہ پہنچ گیا جہا ں نئے سب اسٹیشن پر حنیف کی ڈیوٹی لگی تھی۔ لائن مین نے طالب کو سر سے پاؤں تک دیکھا اور پھر پوچھا۔ ‘’جناب کہا ں سے تشریف لائے ہیں ؟’‘
‘’یہیں سے۔ ’‘ طالب نے کہا ‘’لاہور سے۔ ’‘
لائن مین نے ذرا سے توقف کے بعد کہا۔ ‘’حنیف گھر چلا گیا، چھٹی لے کر، ا س کی طبیعت خراب تھی۔ ’‘
‘’طبیعت خراب تھی’‘ طالب نے پریشان ہو کر پوچھا۔
‘’جی ہاں بس طبیعت ہی خراب سمجھو.... بادشاہ آدمی ہے۔ ’‘ لائن مین نے مسکرا کر کہا۔
طالب کے پاس سوائے اس کے کوئی چارہ نہ تھا کہ سیدھا آشرم جائے اور حنیف سے مسعود سٹینو کے نام کی چھٹی حاصل کر لے۔
ابھی کرشن نگر کی بڑی سڑک سے گلی کا موڑ مڑا ہی تھا کہ اس کی مڈبھیڑ رانی سے ہو گئی۔ اس نے آگے بڑھ کر شرارت سے رانی کا سر سہلایا اور کہا۔ ‘’بھوتنی اتنی دوپہر میں کہا ں جا رہی ہو؟’‘
‘’دہی لینے رانی نے سر جھکا کر جواب دیا۔ طالب نے ادھر ادھر دیکھ کر پوچھا۔ ‘’باجی کا کیا حال ہے؟’‘
‘’وہ تو مر گئیں ’‘ رانی نے اپنی ٹھوڑی اپنے سینے میں پیوست کر لی۔
طالب کے سامنے اس تپتی دوپہر میں بجلی کا ایک کوندا تڑپا اور اسے ساکت و جامد چھوڑ گیا۔ کتنی دیر تک رانی ہاتھ میں سلور کا کٹورہ لئے کھڑی رہی۔ طالب نے اس کے سر پر سے ہاتھ اٹھا کر پوچھا۔ ‘’کیسے؟’‘
‘’ایک دن’‘ رانی نے سسکیاں بھرتے ہوئے کہا۔ ‘’ایک دن سکول سے پڑھا کر آئیں۔ گھڑے سے ٹھنڈا پانی پیا اور بستر پر لیٹتے ہی ایک چیخ ماری.... پھر وہ مر گئیں .... ایک منٹ کے اندر اندر۔ ’‘
طالب نے کہا۔ ‘’تمہارے ابا نہیں تھے گھر پر؟’‘
‘’جی نہیں !’‘ رانی نے سر ہلا کر کہا۔ ‘’میرے ابا تو شہید ہو چکے ہیں جی....’‘
‘’اور دوسری باجی وہ جو....’‘ طالب نے بات پلٹنا چاہی۔
‘’جی میری اور تو کوئی باجی نہیں۔ ’‘ رانی نے جواب دیا۔ ‘’بس میں اور امی ہیں۔ اکیلی۔ ’‘
طالب اس لڑکی کو جھلستی دوپہر میں اس طرح سلور کا کٹورہ ہاتھ میں تھامے چھوڑ کر کچھ کہے سنے بغیر آشرم کے پھاٹک پر پہنچ گیا۔
آشرم کا پھاٹک کھلا تھا۔ عشق پیچاں کی بیل میں کاسنی پھول لگے تھے۔ چوپڑ کی روشوں کے گرد گھاس کے قطعوں میں گھاس ڈباؤ پانی کھڑا تھااور موتیے اور گلاب کے پھول دھوپ کی حدت سے سنولائے ہوئے تھے۔
طالب مٹھ کے دروازے پر پہنچا۔ اندر سادھو، گیانی اور حنیف تپائی بیچ میں رکھے فلاش کھیل رہے تھے اور ان کے درمیان نئے نئے سکوں اور روپئے روپئے کے نوٹوں کا ایک ڈھیر پڑا تھا۔
‘’آؤ آؤ’‘ سادھو نے خالص فلمی لہجے میں کہا۔ ‘’آ جاؤ!’‘
‘’ہو جائے ایک بازی کٹ تھروٹ’‘ گیانی چلایا۔
حنیف طالب کی پذیرائی کے لئے آگے بڑھا۔ لیکن طالب دہلیز کے ساتھ ٹیک لگا کر پتھر کی مورتی بن گیا۔ اس نے پہلے سب کو ایک ایک کر کے دیکھا۔ پھر چھت کی طرف نگاہیں دوڑائیں پھر گردن گھما کر باہر کی طرف دیکھا.... مکان بھی وہی تھا۔ مکین بھی وہی تھے.... جغرافیہ بھی وہی تھا.... لیکن تماشا دیکھنے والی آنکھ باقی نہ رہی تھی۔
٭٭٭

کہانی کی تلاش

ممتاز مفتی

تلاش میں مارا مارا پھر رہا تھا۔ تھک کر چور ہو گیا تو میں رک گیا، وہ بھی رک گیا۔ سڑک کنارے ایک تھڑے پر بیٹھ گیا، وہ بھی بیٹھ گیا۔
مجھے اس کا ساتھ پسند نہیں، بڑا نکتہ چین ہے، بات بات پر ٹوکتا ہے۔ لیکن وہ میری مجبوری ہے، میں اس سے پیچھا چھڑا نہیں سکتا۔
میں نے گرد و پیش پر نگاہ ڈالی۔ پاکستان کا حسین ترین شہر اسلام آباد میرے ارد گرد پھیلا ہوا ہے۔ کیوں نا اسلام آباد پر ایک کہانی لکھوں، دفعتاً مجھے خیال آیا۔
‘’اونہوں !’‘ وہ بولا۔ ‘’یہ ہمارا شہر نہیں ہے۔ ’‘
‘’کیوں ؟’‘ میں نے غصے سے اسے دیکھا۔
‘’اس میں اپنوں کا رنگ نہیں ہے، بیگانہ ہے۔ ’‘
‘’اسلامی مملکت کا دارالخلافہ ہے بھئی۔ ’‘
‘’صرف نام کا اسلامی ہے۔ مساوات کا بیری ہے۔ ’‘
‘’ذات پات کا شوقین ہے۔ اونچ نیچ کا مارا ہوا۔ ’‘
‘’کون سی ذات پات؟’‘ میں نے پوچھا۔
‘’عہدوں کی، گریڈوں کی، تم اس پر کہانی نہیں لکھ سکتے۔ ’‘
‘’کہانی تو اپنوں کی ہوتی ہے۔ بے گانوں کی نہیں۔ ’‘
میں نے اس کی بات کا جواب نہ دیا۔
دیر تک ہم دونوں چپ چاپ بیٹھے رہے۔
میری مشکل یہ ہے کہ جب تک مرکزی خیال نہ ہو، میں کہانی نہیں لکھ سکتا۔ اگر کہانی کے پاس کچھ کہنے کو نہیں تو کیا فائدہ۔ گونگی کہانی کو کوئی کیا کرے۔ پھر یہ بھی ہے کہ کہانی چیخ کر نہ بولے، لب نہ کھولے، آنکھ سے بولے، اکھ نال گل کر گئی۔
کئی ایک دن سے میں کہانی کی تلاش میں تھا۔ کیا لکھوں، کس موضوع پر لکھوں، ایسی بین بجاؤں کہ سانپ نکل آئے۔
‘’وہ ہنسا بولا۔ ‘’بغل میں کٹورہ۔ ’‘
‘’کہاں ہے کٹورہ؟’‘ میں نے پوچھا۔
اس نے پیچھے کی طرف اشارہ کیا۔ ‘’تم اس موضوع پر کیوں نہیں لکھتے؟ سارے لکھار اس پر لکھتے ہیں۔ آج کے دور کامن بھاتا موضوع ہے۔ آج کے بوٹے پر لگا ہوا پھل ہے۔ ’‘
میں نے مڑ کر دیکھا، درختوں کے پیچھے کچی آباد تھی۔ انتظامیہ نے اسے درختوں اور دیواروں کے پیچھے چھپا رکھا تھا تاکہ دودھ میں مکھی کوئی نہ دیکھ لے۔
میں سڑک کے نیچے اتر گیا۔ درختوں کے جھنڈ سے دیکھا۔ وہاں بیس تیس جھونپڑے تھے۔ دو رویہ مکانوں کے درمیان میں کھلا میدان تھا۔ میدان میں یہاں وہاں چارپائیاں بچھی ہوئی تھیں۔ تو لوگ بیٹھے تھے۔ حقے چل رہے تھے، بچے چارپائیوں کے ارد گرد دوڑ رہے تھے، چیخ رہے تھے، چلا رہے تھے۔ عورتیں اوپن ایئر باورچی خانوں میں چولہوں پر ہانڈیاں چڑھائے بیٹھی تھیں۔ ہاتھ چل رہے تھے، چوڑیاں چھنک رہی تھیں، باتیں ہو رہی تھیں۔
‘’ارے باؤ جی!’‘ قریب ہی سے آواز آئی، دیکھا تو پاس ہی ایک بڈھا بیٹھا جوتے گانٹھ رہا تھا۔
‘’کس سے ملنا ہے؟’‘ مجھے اس نے پوچھا۔
‘’کسی سے بھی نہیں۔ ’‘
‘’پھر کیا دیکھ رہا ہے تو؟’‘
‘’دیکھ رہا ہوں، کتنی غربت ہے، کتنا دکھ ہے۔ ’‘
‘’کہاں ہے دکھ؟’‘ وہ بولا۔ ‘’یہاں تو میلہ لگا ہوا ہے، بابو جا، سارے اسلام آباد کا چکر لگا، گھوم پھر کر دیکھ، کہیں بھی ایسا ملہ نہیں لگا ہو گا۔ سب کمروں میں بند ہیں، نہ بول نہ بلارا، بوہے بندے، ہونٹ بند، دل بند۔
اور بابو یہ کچی آبادی جو تو دیکھ رہا ہے۔ یہ آبادی نہیں ہے، یہ تو ایک کنبہ ہے، ایک کو پیڑ ہووے ہے تو دوجا درد سے ہائے ہائے کرے ہے۔ ایک کا چولہا نہیں جلے ہے تو دوجا ہانڈی میں ایک مٹھ اور دال ڈال لے ہے۔ تو غربت کو کیا سمجھے ہے بابو۔ غربت میں لوگ ایک دوجے کے نیڑے ہو جاویں ہیں۔ امارت میں دور ہٹ جاویں ہیں۔
اور تجھے پتہ ہے بابو۔ پاکستان پر کیا بپتا پڑی ہوئی ہے۔ ہمیں جنے کی ضرورت تھی۔ اس سے زیادہ مل گیا، زیادہ مل جائے تو شرجاگ اٹھتے ہیں۔ فساد کے بلبلے پیدا ہو جاویں ہیں۔
‘’تو مسلمان ہے کیا؟’‘ بڈھے نے پوچھا۔
میں نے اثبات میں سر ہلایا۔
‘’پھر تو اس کو جانتا ہے؟’‘
‘’کس کو؟’‘
‘’وہ جو سب سے بڑا بندہ تھا۔ جو اللہ کا پیارا تھا۔ اللہ نے کہا میرے پیارے بندے، بول تو کیا چاہتا ہے، تو جو مانگے گا، ملے گا۔ جو چاہے گا، ہو گا۔ بتا امارت میں رہنا چاہے گا یا غربت میں۔ اس نے غربت مانگ لی، غربت میں کوئی صفت ہو گی تو اس نے غربت مانگی۔ ’‘
مایوس ہو کر میں پھر چل پڑا۔
کہانی ڈھونڈ میرے سر پر جنون بن کر سوار تھی۔
چلتے چلتے میں رک گیا، وہ بھی رک گیا۔
میرے سامنے وہ کھڑی تھی۔
گلاب کا ایک بوٹا، اوپر ایک ڈوڈی۔ ادھ کھلی، ادھ بند، ادھ گلابی، ادھر ہری۔
ہونٹ بند تھے۔ آنکھیں باتیں کر رہی تھیں۔
انگلیوں سے میگنیٹک لہریں نکل رہی تھیں۔
‘’آؤ!’‘ وہ بولی، ‘’میں ہوں وہ کہانی جسے تم ڈھونڈ رہے ہو۔ ’‘
‘’اونہوں ! مت جاؤ، مت جاؤ۔ ’‘ میرے ساتھ زیر لبی میں بولا۔ ‘’اس کی کہانی تو تم سالہا سال سے لکھ رہے ہو۔ ’‘
‘’میری کہانی۔ ’‘ وہ بولی۔ ‘’سبھی لکھ رہے ہیں، نہ جانے کب سے لکھ رہے ہیں، لیکن کوئی لکھ نہیں پایا۔ ’‘
اور میری کہانی لکھی جاتی تو آج میں صرف آرائش و زیبائش نہ سمجھی جاتی۔ میری حیثیت دیکھن دکھن تک محدود نہ ہوتی۔ تیرے بھائی بند مجھے خوش وقتی نہ سمجھتے۔ ’‘
اس نے ایک سرد آہ بھری۔ مجھے سب باہر سے دیکھتے ہیں۔ کسی نے میرے اندر جھانک کر نہیں دیکھا۔ کسی نے مجھے نہیں جانا۔ ’‘ وہ خاموش ہو گئی، دیر تک خاموشی چھائی رہی۔ دفعتاً اس نے سر اٹھایا اور میرے سامنے تن کر کھڑی ہو گئی۔
‘’میں تجھے جانتی ہوں۔ ’‘ وہ بولی۔ ‘’تو ایلی ہے نا۔ میں ایلن ہوں۔ سنا تونے، میں ایلن ہوں۔ ’‘
اس نے ایک پوز بنایا اور یوں کھڑی ہو گئی جیسے مٹھاس کی اک پھوار ہو۔
مجھے ایسا لگا جیسے ورق میں لپٹی ہوئی مصری کی ڈلی ہو۔ جی میں آیا کہ منہ میں ڈال کر چوس جاؤں۔ ’‘
دفعتاً میرا ساتھی بولا۔ ‘’ہوش کر، میرا تو منہ ہی نہیں۔ جب تھا، تب جرات نہ تھی۔ اب خالی جرات کا جھنجھنا بجانے سے فائدہ؟’‘
‘’دیکھا!’‘ وہ بولی۔ ‘’مجھ میں دونوں روپ ہیں۔ دیوی بھی ہوں، ناری بھی ہوں، انگاروں سے بھسم بھی کرسکتی ہوں۔ سوکھے کو ہرا بھرا بھی کرسکتی ہوں۔ میں تیری کہانی ہوں۔
میرے ہوتے ہوئے تو کسی اور پر کہانی نہیں لکھ سکتا۔ ’‘
‘’میں لکھوں گا تجھ پر کہانی۔ ’‘ میں نے کہا۔
‘’رک جا!’‘ میرا ساتھی بولا، اس نے میرا بازو تھام لیا۔
‘’بے شک، یہ رنگ رس بھری کہانی ہے لیکن یہ ایسی کہانی ہے جسے صرف بیتا جا سکتا ہے، لکھا نہیں جا سکتا۔ تو بیتنے میں کھو جائے گا، لکھنے کا ہوش نہیں رہے گا۔ ’‘
شام پڑ چکی تھی، پتہ نہیں شام اتنی اداس کیوں ہوتی ہے، مدھم اداسی، میٹھی اداسی۔ ایسے لگتا ہے جیسے شام نے بال کھیر رکھے ہوں۔ چہرہ سستا ہوا ہو۔ انتظار، مایوسی بھرا انتظار۔
راگ ودھیا والوں نے شام کے راگ میں آگ لگارکھی ہے۔ پتہ نہیں کیوں، وہ تو بڑے سیانے ہیں، پر مجھے لگتا ہے جیسے شام آگ نہیں، سلگن ہے۔ مدھم سلگن جیسے دیئے میں تیل نہ رہا۔ سوکھی بتی سلگ رہی ہو۔
دکان میں اندھیرا گاڑھا ہوتا جا رہا تھا۔ ایک بتی سلگ رہی تھی۔ وہ تجوری کھولے بیٹھا گن رہا تھا۔
میرا ساتھی بولا۔ ‘’رک جاؤ۔ اس سیٹھ کو دیکھ رہے ہو نا۔ ’‘
‘’دیکھ رہا ہوں۔ ’‘ میں نے کہا۔
‘’تم نے اس پر کبھی کہانی نہیں لکھی۔ ’‘
‘’اس کی کوئی کہانی ہوتو لکھوں۔ ’‘
‘’سبھی لکھتے ہیں۔ ’‘
‘’ہاں بالکل لکھتے ہیں پر وہ کہانی نہیں ہوتی۔ غم و غصے کا اظہار کہانی نہیں ہوتی۔ کہانی نعرے نہیں لگاتی، اودھم نہیں مچاتی، اشتعال پر نہیں ابھارتی، مزاحمت کے جھنجھٹ میں نہیں پڑتی۔ کہانی تو اک چھوٹا سا چشمہ ہوتی ہے۔ جو دھرتی سے ابلتا نہیں، رستا ہے، بوند بوند رستا ہے۔ ہمدردی کا چشمہ دکھ بھرے لگاؤ کا چشمہ۔ بھیگ ہی بھیگ۔
‘’جھوٹ بولتے ہو۔ ’‘ اس نے مجھے ڈانٹا۔ ‘’تمہاری کسی کہانی میں بھیگ نہیں ہوتی۔ سوکھی کاٹھ۔ ’‘
‘’سچ کہتے ہو۔ میں اپنی کسی کہانی میں بھیگ پیدا نہ کرسکا۔ قاری کو بھگو نہ سکا۔ لاکھ کوششیں کیں پر بات نہ بنی۔ بیسیوں لکھیں پر کہانی نہ لکھ سکا۔ ’‘
‘’جھک مارتے رہے۔ ’‘ وہ بولا۔
نہیں جھک نہیں مارا۔ ’‘
‘’تو پھر....’‘
‘’چمکیلی باتیں کرتا رہا۔ دکھاوے کی باتیں۔ توجہ طلبی کی باتیں، پھلجھڑیاں چلاتا رہا، دیکھو میری طرف دیکھو۔ ’‘
‘’اپنی ڈگڈگی بجاتا رہا نا، کہانی اپنی بات نہیں ہوتی۔ ’‘ وہ بولا۔ ‘’دوجوں کی بات ہوتی ہے۔ کیا تم اپنی بات کرنے سے کبھی نہیں اکتائے؟’‘
‘’کیا مطلب؟’‘ میں نے غصے سے پوچھا۔
‘’اب بھی تو کہانی کے پردے میں تم اپنی بات کر رہے ہو۔ سیٹھ کی بات کیوں نہیں کرتے۔ ’‘
‘’کیوں کہتے ہو کہ اس میں کوئی کہانی نہیں ہے۔ ’‘
‘’یہ تو دولت کا قیدی ہے۔ دولت نے اسے ہائی جیک کر رکھا ہے۔ اس بے چارے میں تو میں بھی نہیں رہی۔ دل کی جگہ پیسہ ٹک ٹک کر رہا ہے۔ دنیا سے بھی گیا، خود بھی گیا، بے چارہ مظلوم۔ ’‘
‘’اس کی مظلومیت پر کہانی لکھو۔ ’‘
‘’نہ نہ نہ نہ۔ ’‘
‘’کیوں، کیا لکھ نہیں سکتے؟’‘
‘’لکھ سکتا ہوں۔ ’‘
‘’پھر لکھتے کیوں نہیں ؟’‘
‘’کس سے ڈرتے ہو؟’‘
‘’ان سے ڈرتا ہوں جو اسے ظالم سمجھے ہیں۔ ’‘
کھڑاک سے دکان کا دروازہ بند ہو گیا۔
‘’وہ دیکھ، وہ....’‘ وہ چلایا۔ ‘’تیرا موضوع۔ ’‘
میں نے سر اٹھایا۔ سامنے دربار جھلمل جھلمل کر رہا تھا۔
‘’نہیں !’‘ میں نے زیرلب کہا۔ ‘’یہ میرا موضوع نہیں ہے، یہ داتا لوگ ہیں۔ بزرگ ہیں، اللہ والے ہیں، یہ چوتھی سمت میں جیتے ہیں۔ زیادہ دیکھتے ہیں، زیادہ سنتے ہیں، زیادہ محسوس کرتے ہیں۔ زماں اور مکاں سے بے نیاز ہیں۔ ان کا میں احترام کرتا ہوں لیکن میں ان کو سمجھ نہیں سکتا۔ ان کے بارے میں میں منہ کھولوں، نہ نہ نہ بھائی۔ چھوٹا منہ اور بڑی بات۔ ’‘
‘’تم داتا کو کیوں دیکھتے ہو؟ بزرگ کو کیوں دیکھتے ہو؟’‘ وہ بولا۔ ‘’کرامتوں کو کیوں دیکھتے ہو؟ معجزوں کو کیوں دیکھتے ہو۔
تم اس بندے کو کیوں نہیں دیکھتے جو داتا کی اوٹ میں بیٹھا تھا۔ جو اتنا عظیم تھا کہ ا س نے داتا کا مرتبہ پا لیا۔
‘’سب داتاؤں کی باتیں کرتے ہیں۔ سرکار قبلاؤں کی باتیں کرتے ہیں۔ باباؤں کی باتیں کرتے ہیں۔ کرامتوں کے چھنکنے چھنکاتے ہیں۔ اس عظیم بندے کی بات تو کوئی نہیں کرتا جس نے انہیں بابا بنا دیا۔ سرکار قبلہ بنا دیا۔ سلطان الہند بنا دیا، داتا بنا دیا، تو اس بندے کی بات کیوں نہیں کرتا؟’‘ اس کی آواز میں غصہ کھول رہا تھا۔
ہم دونوں درگاہ میں داخل ہوچکے تھے۔
ہمیں دیکھ کر درگاہ کا متولی بوڑھا اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔ وہ زیر لب بڑبڑایا۔ ‘’وہ بندہ تو ایک ہی ہے، ایک ہی ہے جسے دو جہانوں کا مالک بنا دیا گیا۔ پر وہ بندہ بن کر جیا۔ صرف بندہ بن کر، نہ بابا بنا نہ سرکارقبلہ بنا، نہ داتا بنا نہ کرامتیہ بنا، نہ معجزاتی بنا۔ صرف بندہ۔ ‘’ صرف بندہ، صرف بندہ، صرف بندہ۔ ’‘ گنبد چلایا۔
‘’صرف بندہ، صرف بندہ۔ ’‘ باہر سے آواز آئی جیسے آسمانوں میں گنبد کی آواز کی گونج تھرتھرا رہی ہے۔
ساری کائنات اس گونج سے بھری ہوئی تھی۔ ‘’صرف بندہ، صرف بندہ۔ ’‘
٭٭٭

‬ مٹی کی ذات

امرتا پریتم

چھبیلی نائن نے اپنے کچے چبوترے پر ایک چھوٹا پتھر رکھ چھوڑا تھا۔ اس پتھر پر بیٹھ کر وہ برتن بھی مانجھ لیتی کپڑے بھی دھو لیتی۔ اپنی ایڑیاں بھی رگڑ لیتی۔ اور جب ترکاری ساگ کاٹتے وقت چاقو کند محسوس ہوتا تو اسی پتھر پر رگڑ کر تیز کر لیتی۔
اپنے چبوترے کے پتھر کی مانند چھبیلی نے بھی اپنے دل میں متعدد درد چھپا رکھے تھے برسوں سے اپنی زندگی کے جھوٹے دنوں کو مانجھ رہی تھی۔ میلی سانسوں کو دھو رہی تھی۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ چھبیلی کو اپنی بھری جوانی میں ایک راس لیلا کرنے والے سے محبت ہو گئی تھی۔ وہ مہینوں تک کسی سیتا کا رام بن سکتا تھا۔ کسی دمینتی کا نل بن سکتا تھا کسی کوکیلا کا رسالو بن سکتا تھا لیکن وہ چند لمحوں کے لئے بھی چھبیلی کا کچھ نہ بن سکا۔ کیونکہ سیتا رام کا ناٹک کھیلنے کے بعد نل دمینتی کا ناٹک کھیلا جا سکتا ہے۔ کوکیلا رسالو کا ناٹک کھیلا جا سکتا ہے۔ غرض کہ کوئی بھی ناٹک کھیلا جا سکتا ہے۔ لیکن بیاہ کا ناٹک کھیلنے کے بعد پھر زندگی میں کوئی دوسرا ناٹک نہیں کھیلا جا سکتا جو براتی اس ناٹک کے تماش بین بن کر آتے ہیں وہ ایک مرد عورت کا تماشا دیکھتے ہیں۔ دل کھول کر تالیاں بجاتے ہیں اور پھر اس ناٹک کے مرکزی کرداروں کو وہیں چھوڑ کر پنڈال خالی کر جاتے ہیں اور اس ناٹک کے دونوں مرکزی کرداروں کو تمام عمر وہی ناٹک کھیلنا پڑتا ہے۔ ۔ ۔ چھبیلی اپنے بیاہ کا ناٹک کھیلنے کے لئے ترستی رہی اور وہ راس لیلا والا محبت کی بازی ہار کر سادھو بن گیا۔
چھبیلی کئی سال تک اپنے سادھو کی واپسی کے انتظار میں کوے اُڑاتی رہی۔ پھر کووں کی طرھ اس کے بالوں کا رنگ بھی اُڑ گیا۔ لیکن اسے اب بھی اپنے سادھو کی واپسی کا انتظار تھا۔ اور اب وہ اپنے بالوں میں سُرخ مہندی لغانے لگی تھی جو وہ گاؤں کی جوان لڑکیوں کی ہتھیلیوں میں شگون کے لئے کرتی۔ ۔ ۔ ہر روز اپنی آنکھوں میں کاجل بھی لگاتی رہتی اور کچھ دیر بعد جب کاجل آنسووں سے گیلا ہو جاتا تو آنچل سے پونچھ کرچھُڑا دیا کرتی۔
تمام عمر چھبیلی گاؤں کے جوان لڑکے لڑکیوں کی نسبت لگاتی رہتی تھی۔ لیکن اب اسے یہ احساس ستانے لگا تھا کہ آدمی کی تمام ذاتیں جھوٹی اور بناوٹی ہیں۔ اچھے بھلے برہمن کی لڑکی سے اگر چھتری کے بیٹے کا بیاہ ہو جائے تو ان کے ہاں جو بیٹا پیدا ہو گا وہ یا تو نکٹا ہو گا یا لنگڑا۔
اور جوں جوں آدمی کی ذاتوں پر سے چھبیلی کا اعتماد ہٹتا گیا اس کے دل میں مٹی کی ذاتوں کا اعتماد گہرا ہوتا گیا۔ ۔ ۔ اگر کوئی ذات سچی اور اصلی ہے تو وہ مٹی کی ذات ہے اور جب کبھی چھبیلی نائن کسی لڑکی کے اُبٹن ملتی کسی لڑکی کے جسم پر تیل کی مالش کرتی کسی لڑکی کے بال سنوارتی تو وہ یہی سوچتی رہتی۔
چکنی مٹی ریتلی مٹی کنکریلی مٹی سُرخ مٹی کالی مٹی پیلی مٹی۔ ۔ ۔ مٹی کی بھی کتنی ذاتیں ہیں۔ لیکن جس مٹی میں کپاس پیدا ہوتی ہے اس میں بس کپاس ہی پیدا ہوتی ہے جس مٹی میں انفور پکتے ہیں اس میں بس انگور ہی پکتے ہیں واقعی یہ ذاتیں کتنی سچی اور اصلی ہیں۔
اور چھبیلی کی یہ تمام سوچ فکر اس دن کسوٹی پر چڑھ گئی جس دن گاؤں کے کھتریوں کی لڑکی بالو کو جاٹوں کے بیٹے نندا سے پیار ہو گیا۔
کھترے دی بالو اور جاٹے دا نندا
یہ جُملہ گاؤں والوں کے ذہن پر مسلط ہو گیا۔ ہر ایک کی زبان پر چڑھ گیا اور پھر مولے کھتری نے پاس والے گاؤں میں اپنی ہی ذات برادری میں بالو کی منگنی کر کے اس جملے کو دانتوں تلے پیس کر رکھ دیا۔ ۔ ۔ کچھ ہی دیر بعد چھبیلی نائن کو بالو کے ہاتھوں میں بیاہ کی مہندی رچانے جانا تھا۔
نندا کا کھیت چھبیلی کے گھر کی پشت پر تھا اور اپنے گھر کے پچھواڑے والی دیوار پر گوبر تھاپتے ہوئے چھبیلی نے متعدد بار بالو اور نندا کو کھیتوں کے آنچل میں باتیں کرتے دیکھا تھا اور وہ سوچنے لگی تھی۔ ۔ ۔ اس دُنیا کے سنار سونے میں تانبے کی ملاوٹ کرتے ہیں اور دُنیا انہیں کچھ نہیں کہتی لیکن جب اس دُنیا میں دو محبت کرنے والے دل سونے میں سونا ملاتے ہیں تو دُنیا ہاتھ دھو کر ان کے پیچھے پڑ جاتی ہے ان پر لعن طعن کرتی ہے۔
اور چھبیلی دیکھتی کہ نندا بالو کی میٹھی میٹھی باتوں کو سونے کی لہروں کی مانند چنتا اور سنبھال سنبھال کر اپنے دل میں محفوظ کرتا رہتا اور بالو نندا کی پیار بھری بتوں کو سونے کے قیمتی ٹکڑوں کی مانند اپنے دل کے پردوں کے پیچھے چھپاتی رہتی اور پھر سانسوں کی دھیمی آگ پر یہ سونا پگھل جاتا۔ اور سونے کی مہریں اور سونے کے قیمتی ٹکڑے ایک دوسرے میں تحلیل ہو جاتے۔ تب راہ چلتے چوروں کی آنکھیں حیرت سے پھٹ جاتیں اور دلوں کا پگھلا ہوا سونا گھبرا کر منجمد ہو جاتا۔ سونے کی اینٹیں بن جاتیں اور وہی سونے کی اینٹیں پریمیوں کی پیشانی پر مار دی جاتیں۔
شادی والے گھر سے چھبیلی نائن کو دو بار بلاوا آ چکا تھا۔ وہ اپنے گھر سے نکلی اور اپنے گھر کے دروازے کے ساتھ ہی اس نے اپنی سوچ اور فکر بھی اندر بند کر دی۔ باہر ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ چھبیلی نے ہاتھ سے اپنی پیشانی پر گرے ہوئے لال لال بالوں کو سنوارا اور دوپٹے کا آنچل سر پر رکھ لیا ابھی وہ بمشکل دس قدم ہی چلی تھی کہ ہوا کے تیز جھونکے سے آنچل سر سے ڈھلک گیا اور لال بالوں کی ایک لٹ پیشانی پر جھول گئی۔
اس کے ساتغ ہی اس کے دل میں ایک رنگین خیال اُبھرا۔
ایک منٹ کے لئے بے چارے نندا کا چہرہ تو دیکھ آؤں
اور وہ نندا کے کھیتوں کی جانب چل پڑی
کنویں پر پردٹ چل رہا تھا۔ نندا کنویں کی جگت پر موجود نہ تھا لیکن اس کا ایک دوست بیٹھا کنویں کے اندر سے نکلتی ہوئی آواز میں گا رہا تھا
ہیر نے کہا جوگی جھوٹ کہتا ہے
کون روٹھے ہوئے یار کو مناتا ہے؟
بچھڑے اور مرے ہوئے کو کون ملائے؟
لوگ یونہی دلاسا دیتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ’’
چھبیلی کا دل بھر آیا۔ ۔ ۔ ۔ واقعی مرے اور بچھڑے ہوئے برابر ہوتے ہیں چھبیلی نے دیکھا کہ نندا سر جھکائے کھیت کی منڈیر پر بیٹھا ہے اور اس کی آنکھوں سے نکلتے ہوئے آنسو نیچے گر کر بہتے ہوئے پانی میں مل رہے۔ چھبیلی نے سوچا۔ ۔ ۔ ۔ یہ پانی جن کھیتوں میں پہنچے گا ان کی فصل سےآنسووں کی بو آئے گی۔
نندا نے چھبیلی نائن کو دیکھا اور فوراً منہ پھیر لیا۔ چھبیلی نے پیشانی پر جھومتی ہوئی لٹ کو پیچھے کیا اور احتیاط سے آنچل سر پر ڈال لیا۔ ۔ ۔ اسے یوں لگا جیسے نندا کے پاس بالو کو دینے کے لئے کوئی پیغام تھا نہ کوئی شکوہ
چھبیلی شادی کے گھر میں داخل ہوئی وہ سوچ رہی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ہمارا پیشہ بھی عجیب ہے کوئی چاہے آباد ہو یا برباد ہو ہمیں اس سے کوئی واسطہ نہیں ہمارا کام تو رسمیں پوری کرنا اور نیگ لینا ہے
چھوٹی چھوٹی لڑکیاں مہندی کے تھال کے گرد بیٹھی ہوئی چھبیلی کی راہ دیکھ رہی تھیں سب لڑکیاں جانتی تھیں کہ جیسی مہندی چھبیلی لگاتی ہے ویسی گاؤں میں کوئی دوسری عورت نہیں لگا سکتی۔
پہلے مجھے پہلے مجھے
چھبیلی کو دیکھتے ہی کئی لڑکیاں چیخ اُٹھیں۔ حالانکہ اُنہیں معلوم تھا کہ سب سے پہلے دور کونے میں دُبکی ہوئی بالو کو مہندی لگائی جائے گی اور اس کے بعد کسی اور کی باری آئے گی
کیسی اتراتی ہوئی آئی ہے
ارے اگر نائن نے آج اپنا نخرہ نہ دکھایا تو کب دکھائے گی؟
کب سے بے چاری لڑکی بیٹھی سوکھ رہی ہے اتنی دیر لگا دی تجھے ہتھیلی پر ذرا سی مہندی ہی تو لگانی ہے کوئی ہل تھوڑی ہی چلانا ہے
بالو کی ماں اور خالہ نے ایک ہی سانس میں چھبیلی پر کئی چوٹیں کر ڈالیں چھبیلی کے دل میں آیا کہ کہہ دے۔ ۔ ۔ آج تو تم مجھ سے ہل ہی چلوا لیتیں تو اچھا تھا۔ ۔ ۔ ۔ لیکن چھبیلی نے کچھ کہنے سے پہلے بالو کی جانب دیکھا اور اس کے منہ کی مانند اپنا منہ بند کر لیا۔
بالو سر جھکائے بیٹھی تھی۔ اس کے ہاتھ میں ایک تنکا تھا جس سے وہ اپنے پاوں کے قریب کی کچی زمین کرید رہی تھی رہ رہ کعر آنسووں کی ایک دو بوندیں اس کے چکنے گالوں پر سے پھسل پڑتیں اور نیچے کریدی ہوئی مٹی میں جذب ہو جاتیں۔ چھبیلی نے بالو کے ہاتھ تنکا لے کر دور پھینک دیا اور اس کی سفید ہتھیلی کھول کر اس پر مہندی لگانے لگی۔ چھبیلی کو محسوس ہو رہا تھا کہ چند ہی دنوں میں مہندی کا رنگ تو اُتر جائے گا لیکن تنکے سے کریدی ہوئی مٹی میں بالو نے جو آنسو بوئے ہیں وہ کسی نہ کسی دن ضرور اُگ آئیں گے۔
پاس کھڑی ہوئی عورتوں نے سہاگ گیت گانا شروع کیا
بابا میری گلیاں تنگ ہو گئیں
میرا آنگن اب پردیس ہو گیا۔ ۔ ۔
اور چھبیلی جس نے آج اپنے سر پر پھولدار دوپٹہ ڈالتے ہوئے یہ نہیں دیکھا تھا کہ اس نے دوپٹہ اُلٹا اوڑھ لیا ہے۔ ہر بات کا اُلٹا مفہوم سمجح رہی تھی
وہ سوچنے لگی
لڑکیوں کی بھی کیسی قسمت ہوتی ہے کہ ان کے ماں باپ کی گلی اتنی تنگ ہو جاتی ہے کہ ایک پیارا چہرہ بھی اس میں سے نہیں گزر سکتا لیکن ایک بہت بڑی بارات اس گلی میں سے نکل جاتی ہے
کھتریوں کی اپنی ذات ہوتی ہے اس جاٹ کے بیٹے نے یہ کیوں بھُلا دیا
بارات قریب آتی گئی عورتوں کی چیخ و پکار تیز ہوتی گئی اور بالو نندا کی پریم کہانی کو اپنے دانتوں تلے چباتی رہی۔
تو کھتریوں کو اپنی ذات کا رشتہ مل گیا ؟ چھبیل ی نائن نے ایک طویل سانس لی اور سوچنے لگی لیکن مٹی کی ذات کسی نے نہیں دیکھی ایک بنجر گھوڑے پر بیٹھ کر چکنی مٹی کو بیاہنے آ گیا۔ بنجر سہرا باندھ کر گھوڑے پر چڑھا اور چکنی مٹی گوٹے کناری والا سُرخ جوڑا پہن کر ڈولی میں بیٹھ گئی۔
٭٭٭

سون گڑیاں

الطاف فاطمہ

تب ہ دن بھر کی تھکی ماندی دبے پاوں اپنی کوٹھری کی طرف بڑھتی جہاں دن بھر اور رات گئے تک کام خدمت میں مصروف رہنے کے بعد آرام کرتی اور پھر ایک بار ادھر اُدھر نظر ڈالنے کے بعد کہ آس پاس کوئی جاگتا یا دیکھتا تو نہیں وہ کوٹھری کے کواڑ بند کر لیتی۔ طاق پر سے ڈبہ اُٹھاتی اور کھول کر کوٹھری کے بیچوں بیچ دھر دیتی اور پھر یکے بعد دیگرے گڑیاں نکل نکل کر اپنے اپنے کار سے لگ جاتیں۔ پہلے سقہ آتا اور پانی چھڑک جاتا پھر خاکروب آتا اور جھاڑو لگا جاتا۔ فراش فرش بچھاتا مسند تکیہ لگاتا محفل سج جاتی تب سون گڑیاں زرق برق لباسوں میں نمودار ہوتیں اور رقص و سرود نا و نوش کی محفل درہم برہم ہوتی اور جو جہاں ہوتا وہیں وہیں رہ جاتا۔
تب وہ بی بی سرد آہ بھرتی گڑیوں کو سمیٹ کر ڈبے میں رکھتی اور کہتی
‘‘جو بی بی تھی لونڈی بنی جو لونڈی تھی سو بی بی بنی’’
تو میں بس یہ کہانی یہیں تک سُن پاتا کہ بے سُدھ ہو جاتا تھا۔ ہر رات میں نے اس اُمید پر یہ کہانی سُننے کی ضد کی۔ کبھی تو سون گڑیوں کے انجام تک کہانی پہنچے ہی سو گیا اور ہر رات میں اس بی بی کے اس فقرے تک پہنچتے پہنچتے قصہ کہانی اور پریوں کے اصل دیس یعنی خواب کی دنیا پہنچ جاتا۔
اور اب ذہن میں اتنی دیکھی اور ان دیکھی سنی اور ان سنی کہانیاں گڈ مڈ ہیں کہ میں خود یہ تمیز نہیں کر پاتا کہ ان میں سے کون سی کہانیاں میں نے سنی ہیں اور کون سی دیکھی ہیں لیکن اتنا ضرور جانتا ہوں کہ میرے اندر اب حقیقتیں بھی کہانی بن کر آتی ہیں اور اب میں نہیں کہہ سکتا کہ آگے جو بات میں بیان کروں گا وہ کس کہانی کس داستان کا حصہ ہے۔ یہ کہانی اگر مجھے کسی نے نہیں سُنائی تو پھر یہ میرے اندر کہاں سے آئی ہے اور یہ قصہ میرے اندر کچھ اس انداز میں سر اُٹھاتا ہے۔
‘‘وہ کہ اس ویرانے میں دشت نوردی کرتا تھا بھوک لگتی تو کھجور کے چند دانے نوش فرماتا اور چھاگل سے چند گھونٹ پانی لے کر حلق تر کرتا اور پھر آسمان کی طرف منہ اُٹھا کر دیکھتا ہی چلا جاتا کہ ایسے موقعوں پر آسمان اور بھی نیلا اور اور پُر اسرار نظر آتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ پھر یوں ہوا کہ ایک صبح وہ یونہی فرش ریگ پر پاوں پھیلائے بیٹھا تھا کہ پچھم یعنی مغرب کی جانب سے ایک آہنی چڑیا پرواز کرتی ہوئی آئی اور حد نظر کے اس طرف ٹھہر گئی۔ پھر ایک سفید فام گندم گوں بالوں اور کنجی آنکھوں والا اس کی طرف تیز قدموں چلتا ہو ا آیا اور اس کی پھیلی ہوئی ٹانگ کو اپنی چھڑی سے چھو کر یوں گویا ہوا۔
اے جوان رعنا یوں ٹانگ پسار کر بے فکری سے بیٹھا ہے۔ اُٹھ تیری دولت اس ریگزار کے قلب میں موجیں مار رہی ہے۔ اُٹھ کہ تیری جبیں ستارہ ہوش مندی نہیں میں بھولا ستارہ مراد مندی سے دمک رہی ہے اے حاتم مژدہ ہو کہ تو دونوں ہاتھوں سے دولت لُٹائے گا اور اپنے کاسہ لیسوں کی حرص اور آز کا تماشہ کرے گا۔
تب وہ جوان نہایت حقارت سے یوں گویا ہوا کہ تیری تمام باتوں سے جھوٹ اور مکر کی بو آتی ہے اول تو یہ کہ یہ عاجز عمر کے اس دور کو طے کر چکا ہے جبکہ اس کو جوان رعنا کے لقب سے مخاطب کیا جائے دوم یہ تو نے مجھے حاتم کے نام سے پکارا کہ حاتم نام کا ایک شخص ہو گزرا ہے بہت پہلے قبیلۂ طے میں کہ اس کی دادو دہش کا چرچا سارے مشرق میں ہے۔ کہاں حاتم طائی کہاں یہ عاجز و بے نوا تب وہ سفید فام اس کی حقارت پر بڑے صبر سے مسکرایااور گویا ہوا۔ مرد دانا کی بات کو مان چون و چرا سے کام نہ لے۔ تیرے حصے کی دولت اور رعنائی کو ڈھونڈنا میرا کام ہے اور تیرا کام فقط اس کو دونوں ہاتھوں سے لُٹانا اس درجہ پھینکنا ہے کہ حاتم طائی کو بھی شرما دے تو مجھے فقط اتنی اجازت دے کہ میں تیری دولت کی تلاش میں کنووں میں بانس ڈالوں اور ان کو بھی اچھی طرح کھنگالوں۔
تو بس یہ کچھ اسی قسم کا قصہ تھا جو کچھ دن سے میرے تحت شعور یا نا معلوم کون سے شعور میں بھٹک رہا تھا مگر ان دنوں کہ جب میں ابھی کالج میں زیر تعلیم تھا اور گریجویشن کی تیاری کر رہا تھا میرے خیال میں کبھی نہ آتا تھا اور پھر جب میں نے امتحان میں تھرڈ ڈویژن لی۔ جب بھی ذہن کے کسی گوشے سے اس گوشے نے سر نہ اُٹھایا تو خیر اس وقت کی بات اور تھی اور میرے ذہن و گمان میں بھی نہ تھا کہ میری یہ تھرڈ ڈویژن اونٹ کے گلے میں بلی بن جائے گی پھر پے در پے مجھ پر یہ انکشاف ہوئے کہ کلرکی کی جس پوسٹ کے لئے میں نے درخواست خود ٹائپ کی تھی اس کے لئے پانچ سو فرسٹ بارہ سو سیکنڈ اور ہزاروں تھرڈ ڈویژن والے خواہاں تھے۔ چنانچہ اس پوسٹ کو اس لیے ابالش کر دیا گیا کہ جب ایک انار سو بیماروں کی چارہ گری نہیں کر سکتا تو اس کو دریا برد کر دینا ہی مناسب ہے۔
کلرکی کی اس نایاب پوسٹ کے علاوہ میں نے بحری بری اور فضائی افواج کی بھرتی کے دفاتر سے بھی ہر قسم کے فارم حاصل کر کے پُر کیے تھے سنا تھا کہ یہاں بھرتی کا بازار گرم اور نفری کی مانگ شدید ہوتی ہے مگر وائے ناکامی اور ان دفاتر کے یکے بعد دیگرے کئی انٹر ویو دینے کے بعد مجھ پر چند ضروری انکشافات ہوئے یعنی یہ کہ میری نظر حد سے زیادہ کمزور ہے اس لیے کم پاور والے بلب میں رات گئے تک غلط رُخ بیٹھ کر پڑھنے کی بنا پر میری عینک کے شیشوں کے نمبر منفی کی جانب زیادہ مائل ہیں پھر یہ کہ میرا قد کافی چھوٹا نکلتا یا پھر ضرورت سے زیادہ لمبا نکلتا۔ اسی طرح میرا وزن بھی غیر معتدل پایا گیا۔ اور ان کے علاوہ جو میں نے پرائیویٹ انٹر ویو دئیے ان کے نتائج حسب ذیل رہے۔
۱۔ اس پوسٹ پر سیلکشن تو پہلے ہی ہو چکا تھا اور یہ اشتہار تو فقط یہ جائزہ لینے کے لیے دیا گیا تھا کہ ملک میں بے روزگاری کے اعداد و شمار کیا ہیں
۲۔ آپ کو دھکا دے کر اس دروازے میں داخل کرنے والا کوئی نہ تھا۔
۳۔ عرصے تک بیمار رہنے کی بنا پر آپ کے اعصاب مشتعل یا پھر مضمحل ہو چکے ہیں اور ایسی صورت میں ہم آپ کو ملک و قوم کی خدمت کا اہل نہیں سمجھتے۔
خلاصہ یہ ہے کہ ہمیں افسوس ہے۔
اور واقعہ یہ ہے کہ افسوس تو مجھے بھی تھا کہ اب مجھے میں سوتیلے چچا کی وہ چُبھتی ہوئی نظریں برداشت کرنے کی قوت بھی گھٹتی جا رہ تھی۔ وہ مجھ پر اس لِئے ڈالتے تھے کہ میرے دونوں ٹیوشنوں کی آمدن صرف تیس روپے بنتی تھی اور یہ کہ مکان کا سارا کرایہ ان ہی کو دینا پڑتا تھا۔ ہم نے بجلی کے بل بھی ایک مدت سے ادا نہیں کیے تھے اور سب سے زیادہ یہ کہ جب ہم ماں بیٹا ان ہی کی چھت تلے بیٹھ کر بغیر بگھری دال سے تندوری روٹیاں کھاتے تھے تو ان کے وقار کو صدمہ پہنچتا تھا۔ چنانچہ وہ مرے دل سے بہی خواہ تھے اور یہ کہ دلی آرزو تھی میرے کھانے میں کم سے کم ڈالڈا گھی ہی شامل ہو۔
تو یہ ٹھیک ہی تھا کہ وہ ان دنوں میری ماں پر بری طرح گرجتے برستے تھے کہ اپنے ساتھ لڑکے کا دماغ بھی عرش معلی پر پہنچا رہی ہے اور جو یہ سوچو کہ میرے لڑکے کی برابری کرو تو میرے لڑے کی بات اور ہے۔ میں نے ان پر احسان کیا تھا بس احسان ہی سمجھو وہ احسان کی تفصیلات میں جانے والے تھے۔
تو انہوں نے یہ گرما گرمی جن دنوں دکھائی ان دنوں شہر میں ایک عجیب و غریب ہوٹل کھلنے والا تھا کہ اس کے متعلق جو بھی بات سنی ایسی کہ یقین نہ آئے۔ ایسے جیسے احمقوں کی خیالی جنت کی بات اور چچا نے اپنی یا میری اس جنت کا ذکر کئی دن سے اس طرح لگا تار کیا کہ مجھے ان کی اور اپنی دونوں ہی کی دماغی صحت پر شک ہونے لگا اور پھر ایک دن وہ آیا کہ وعہ میری ماں پر پچھلے تمام دنوں سے زیادہ بڑھ چڑھ کر گرجے برسے اور پھر انہوں نے ان کو دھمکی دی کہ عدم تعاون کی صورت میں ان کا آخری فعل یہ ہو گا کہ وہ ہمارا سامان اُٹھا کر گلی میں پھینک دیں گے۔
چنانچہ وہ بات یہ پتہ چلی کہ بھرتی ہونے کے بعد میں اپنا چھوٹا سا ٹرنک اُٹھا کر تیز گام کی تلاش میں اسٹیشن کی جانب روانہ ہوا تاکہ بڑے شہر جا کر اس بڑے ہوٹل میں ویٹر اور بٹلر کی باقاعدہ تربیت لینے اور بحیثیت اپرینٹس کام کرنے کے بعد یہاں واپس آ کر اپنے اس معزز عہدے کا چارج سنبھالوں کہ ایک تھرڈ ڈویژن میں پاس گریجویٹ تو اس تنخواہ کا تصور خواب و خیال میں بھی نہیں کر سکتا۔
تب میں نے اس شہر کی جاگتی جگاتی راتوں میں بارہا سون گڑیوں کی کہانی کو نہیں معلوم کہ سنا دیکھا یا سوچا تھا اور میرا خیال تھا کہ سون گڑیاں اور ان کا خیال مجھے فقط اسی شہر کی روشن راتوں میں ستاتا ہے جس کی سڑکیں اور شاہراہیں دن کو نسبتاً خاموش اور چُپ چاپ نظر آتی ہیں۔
میں اس نئی زندگی میں خاصا فٹ ہو گیا تھا، اس لیے کہ اب وہ سیٹ پر سے گھسی ہوئی پتلون میں نے ایک سائل کو دے دی تھی اور مارکیٹ کی دوکانوں میں سجی رہنے والی کئی پتلونیں اب میری اپنی ملکیت تھیں۔ اور پھر یہ کہ ٹریننگ اور کام کے دوران ہم کو عجیب و غریب قطع اور رنگوں کی یونیفارم پہننے کو ملتی تھیں جن میں ہمارے رنگ و روپ تو خاصے چمک جاتے تھے لین ان کو پہن کر ہم میں میں سے اکثر کو اپنے سکول اور کالج کے دنوں میں مسخروں اور احمقوں کے وہ بہروپ اور لباس یاد آ جاتے تھے جن کو پہن کر ہم کالج اسٹیج پر دندناتے پھرتے تھے اور ناظرین پر اپنے ٹیلنٹ کی دھاک بٹھایا کرتے۔ چند خر دماغ لڑکے ہمارے تربیتی گروپ میں ایسے بھی شامل تھے جو اس رنگا رنگ یونیفارم کو نہ پہننے اور محض سفید پتلون میں سروس کرنے پر مصر ہوئے۔ یہ ایک اچھا خاصہ ہنگامہ رہا تاوقتیکہ ان کے ہاتھ میں بر خواستگی کے پروانے نہ تھما دیے گئے۔ ہم جیسوں نے ان کو حیرت کی نظر سے دیکھا کہ وہ اپنی مارکیٹ سے خریدی پتلونوں کے بنڈل سمیت اس وسیع و عریض شہر کی سڑکوں پر دھکے کھانے روانہ ہو گئے۔
تو چنانچہ ایک دن ایسابھی آیا کہ میں چند سو روپوں کے علاوہ کٹ پیس کے کئی اچھے ٹکڑوں اور احمد کے حلوے سمیت پھر اپنے شہر واپس آیا اور دوسرے دن اپنی والدہ سمیت اس موجودہ فلیٹ میں دو کمروں میں منتقل ہو گیا۔
اس فلیٹ کے فرش صاف ہیں اور اس میں ایک نئے بنے ہوئے نعمت خانے میں کئی طرح کی کھانے کی چیزیں رکھی مل جاتی ہیں دیوار میں جو الماریاں ہیں اس میں سچ مُچ کے کپڑے یعنی میرے اپنے خریدے اور سلوائے ہوئے لباس موجود ہیں۔ مگر اب قصہ یہ ہے کہ فرزانہ مجھ سے نہیں ملتی۔ پہلے وہ چچا کے گھر آتی تو میں اس کے ڈر سے اپنے پرانے جوتے اور خستہ کوٹ چھپاتا پھرتا تھا اور اب تو میرے دو جوڑے جوتے سامنے ہی شو ریک پر رکھے رہتے ہیں اور میرا اوور کوٹ سامنے کھونٹی پر ٹنگا ہوا ہے۔
مگر وہ مجھ سے بدستور ناراض ہے
وہ مجھے کہتے ہیں اس سے باز آؤں۔ میں تمہیں سون گڑیوں کی کہانی سناؤں۔ مگر یہ کچھ ایسا چلتا پھرتا وقت ہے کہ کون کسی کی سُنتا ہے اور کون سُننے کے قابل بات بولتا ہے۔ اور اب تو مجھے اتنی بھی تمیز نہیں کہ کون سی کہانی سُنی تھی کون سی دیکھی تھی اور کون سی خود سوچی تھی۔ زندگی کی روا روی میں ساری کہانیاں گڈ مڈ ہو رہی ہیں اور ہم صبح سے رات تک مختلف شفٹوں کی شکل میں رنگ برنگی مسخری مسخری وردیوں میں بے تحاشا کھانوں سے لبریز ظروف سے لدی پھندی میزوں کے ارد گرد منڈلاتے اور کھانے والوں کو چندھیاتے رہتے ہیں کہ کس طرح اپنے دس روپے فی کس کو زیادہ سے زیادہ وصول کر لیں۔
ہم یہاں کھانے والوں کو چندھائیں یا پھر ان کے سامانوں اور مقفل کمروں کے رکھ رکھاؤ کا خیال رکھیں جو ادھر سوئمنگ پول کے ادھر اُدھر رنگ برنگی کرسیوں پر کم لباسی اور بے فکری کے ساتھ دھوپ میں پڑے سنولا رہے ہیں۔ مگر کیوں ؟ گندم گوں بالوں کنجی آنکھوں والے سفید فام کس خبط میں مبتلا ہیں ؟ میں نے ابھی ابھی سوچا تھا اور ساتھ ہی میرے ذہن میں وہ کہانی اُبھری ہے۔ میں اور میرے ساتھی جو ہر وقت اس خوف میں مُبتلا ہیں کہ کبھی کہیں ان میزوں پر آ کر وہ لوگ نہ بیٹھ جائیں جو ہمارے ہم جماعت ہم پیالہ و ہم نوالہ ہوا کرتے تھے تو پھر اس خیال سے بچنے کے لیے ہم خوب سوچتے ہیں حتی کہ چیزیں جو ہمیں پکڑائی جاتی ہیں ہمارے ہاتھوں سے پھسل پھسل جاتی ہیں۔
تو چنانچہ پھر وہ کہانی یوں گڈ مڈ ہوئی کہ ان دنوں میں حاتم دوراں کی آمد آمد کا غلغلہ بلند ہوا کہ اس کو کسی مرد دانا نے مژدہ سنا دیا تھا اور دولت کو دونوں ہاتھوں سے لُٹانے کی تلقین کی تھی۔ پھر اس کا شکار یہ ٹھہرا کہ سردیاں گرم مشرقی علاقوں کی سیر و شکار میں گزرتیں اور گرمیاں ارض مغرب کے نشاط خانوں میں اور باقی وقت اسی ویرانے میں شکرے اور چڑیوں کے شکار میں گزر جاتا لیکن اس کے ارد گرد لوگ جمع رہتے کہ وہ اہل طمع کا تماشا کرے۔
چنانچہ وہ جوان رعنا کہ اپنی عمر کے چالیس سے اوپر کئی سال گزار چکا تھا اور بڑی شان سے آیا پھر اس نے اہل طمع کا تماشا کیا اور ہم نے اس کا اور سب کا تماشا کیا کہ اس دور کے حاتم کا دستور بھی نیا تھا کہ جس کے پاس ہے اس کو دیا جائے گا
چنانچہ جس کے پاس تھا اُنہوں نے اس کے گرد حلقے کو تنگ کیا اور پھر اس حلقے میں سون گڑیوں کا عمل دخل ہوا کہ نئے حاتم کے ارد گرد حلقہ ڈالنے والوں اور مصاحبین کو محفل طرب بھی جمانا تھی۔
چنانچہ سون گڑیوں کی کہانی میرے ذہن میں یوں گڈ مڈ ہوئی کہ اب آدھی رات کو کوئی بی بی ڈبہ نہ کھولتی۔ بلکہ یوں ہوتا کہ آدھا پہر دن گزارنے کے بعد ہم ازسر نو میزیں سجاتے۔ پھول دانوں کے پھول بدلتے مشروبات کے دور تیار کرتے اور تب وہ مرد حاتم اور اس کے ساتھی نیچے آتے اور سون گڑیاں از خود نظر فریب اور دلربا لباسوں میں آ کر اس کے گرد گھیرا ڈال لیتیں اور اس حلقے کے باہر ایک اور گھیرا تیار ہوتا کہ اہل غرض اور اہل طمع اور مرد حاتم کے ساتھی سون گڑیوں کے ساتھ ہنگامہ و نا و نوش تیار کرتے اور اچھا وقت گزارتے اور اچھا ہاتھ مارتے۔ یہ سب کچھ ہوتا مگر مرد حاتم اس سب کے عین وسط میں ایک ننھے سے نیو کلیس کی مانند تنہا اپنے گرد عمل ضربی کو تیزی سے مصروف کار دیکھتا تماشہ کرتا اور مسکراتا کہ اس کا کام اور مقصد ہنگامہ نا و نوش برپا کرنا تھا، بلکہ اہل غرض کا تماشہ کرنا تھا اور سون گڑیوں کی بے بضاعتی پر مسکرانا تھا کہ وہ اہل غرض اوراس کے مصاحبین کے درمیان وسیلہ بن کر اپنے آپ میں بہت بالا تھیں
کہانی جب یوں گڈ مڈ ہوئی تو میں اپنے ساتھی کو کہ میں اور وہ مرد حاتم کی شب و روز خدمت پر مامور ہوئے تھے کہتا :
دوست میں تم کو ان سون گڑیوں کی کہانی نہیں سنا سکتا جو آدھی رات کو ٹین کی صندوقچی سے نکل کر محفل طرب جماتی تھیں۔ اب تم ان سون گڑیوں کو دیکھو کہ دن کے اُجالے اور شام کے جھٹپٹے میں بے محابا محفلیں برپا کرتی ہیں اور کسی کو ضرورت محسوس نہیں ہوتی کہ ادھر اُدھر دیکھ کر اطمینان کرے کہ کوئی دیکھتا تو نہیں اور یوں میرے ذہن میں ان سنی کہانی اُبھرتی کہ مجھے اعتراف ہے کہ داد و ہش کے اس سلسلے میں میرا بھی حصہ رہا اور میری ساری جیبیں بہت گرم رہنے لگیں۔ تب ہم نے ایک اور فلیٹ بدلا اور میں نے اور میری ماں نے سوتیلے چچا سے یوں ترک تعلق کیا کہ مبادا وہ اپنے اس احسان کے بدلے چکانے ہمارے پاس آ جائیں جو اُنہوں نے آخری مرتبہ ہنگامہ کر کے مجھے یوں فٹ کروا کر کیا تھا۔
لیکن فرزانہ کا معاملہ قدرے پیچیدہ تھا کہ ہمارے نئے فلیٹ میں پہنچنے کے بعد اس کے رویہ میں نرمی آ گئی تھی اور اس نے بار بار یہ کہنا چھوڑ دیا تھا ‘’ مگر تمہاری عزت ہی کیا ہے’’
اب تو کئی بار وہ خود مجھ سے ملنے آئی تھی مگر قصہ یہ ہے کہ میں نے سون گڑیوں کی کہانی چشم دید طور پر دیکھی اور ان کی قوتوں اور بالا دستی کا نظارہ کیا۔ اب مجھے صبح کا ستارہ ڈوبنے سے پہلے ٹین کی پٹاری بند کرتے کرتے
جو رنڈی تھی سو بی بی بنی، جو بی بی تھی وہ باندی بنی
کہنے والی خاتون سے کیا دلچسپی ہو سکتی تھی۔ چنانچہ میرا اور میرے تھرڈ ڈویژن میں پاس ہونے والے تمام دوستوں کا فیصلہ یہی تھا کہ اس ڈگری اور ایسی احمق خاتون کہ بیوی سے لونڈی بن جائے کے مقابلے میں سون گڑیاں بدرجہا بہتر ثابت ہوتی ہیں مگر یہ رموز فرزانہ جیسی لڑکیوں کے کب سمجھ میں آ سکتے ہیں کہ صبح صبح کالی نقاب منہ پر ڈال کر اور داہنے ہاتھ میں نوٹس کی کاپی اُٹھا کر وہ اپنے مستقبل کے اُجالوں کی تلاش میں بسوں کے دھکے اور کنڈکٹروں کی گھرکیاں کھانے گھر سے نکل پڑتی ہیں۔ جبکہ سون گڑیوں کی بات اور ہے میں ایسی ہی ایک پٹاری کی تلاش میں ہوں کہ جس میں ایک یا کئی سون گڑیاں بند ہوں۔
٭٭٭

رشی اور چڑیا

انتظار حسین

مند پال رشی بہت جانے مانے رشی تھے۔ سب ہی رشی منی ان کا بہت ادر کرتے تھے۔ کورو پانڈو دونوں ہی انہیں آنکھوں پہ بٹھاتے تھے۔ انہیں کسی کے لڑائی جھگڑے سے کوئی غرض ہی نہیں تھی۔ بس اپنی سمادھی پر بیٹھے رام نام کا جاپ کرتے رہتے تھے۔ تپسیا اتنی کی تھی اور برت اتنے رکھے تھے کہ گھٹ گھٹا کر بس اب ہڈیوں کی مالا رہ گئے تھے۔ مگر ایک روز کیا ہوا کہ بیچ تپ میں ان کا دھیان ہٹ گیا۔ دھیان آیا کہ عمر بہت ہو گئی ہے کسی روز بھی یم دوت آن دھمکے گا۔ وہ تو خیر ہونا ہی ہے۔ وہ دن سب پہ آنا ہے مگر مکتی کیسے ہو گی میں تو بے اولاد ہوں آدمی لاکھ رام نام جپے لاکھ تپ کرے مکتی تو پھر بھی اسی صورت ہوتی ہے کہ آدمی کی اولاد ہو۔
یہ سوچ کر مند پال جی بہت پریشان ہوئے۔ اب کیا کیا جائے آخر طے پایا کہ بہت برہم چریہ پالن کر لیا۔ اب جلدی سے استری کو گھر میں لاؤ اور جھٹ پٹ اولاد پیدا کرو۔ مگر استری اب انہیں کہاں ملنی تھی۔ بوڑھے پھونس ہو چکے تھے۔ ناریاں یو ں ان کے چرن چھوتی تھیں مگر بیاہ کے نام پر بھڑک کر دور بھاگتی تھیں۔
بہت سوچ بچار کے بعد ایک نرالی ترکیب انہیں سوجھی۔ سوچا کہ میں تو جون بھی بدل سکتا ہوں پھر مجھے کس بات کی چنتا۔ سنا ہے کہ چڑیاں جلدی انڈے بچے دیتی ہیں سو چڑا بن جاتا ہوں نئی جون میں آ کر نئی عمر مجھے مل جائے گی کسی چڑیا سے جوڑا مل ہی جائے گا بس پھر جلد ہی اولاد والا ہو جاؤں گا۔
بس پھر مند پال رشی نے دیر نہیں کی۔ شبھ مہورت دیکھ کر جون بدلی اور چڑے کا روپ لے لیا اور اُڑ کر سیدھے کھانڈو بن میں پہنچے جہاں رنگ رنگ کے پنچھی بسیرا کئے ہوئے تھے۔ وہاں ان کی مڈبھیڑ ایک چڑیا سے ہو گئیجس کا نام سارنگی تھا۔ وہ کب سے اکیلی ماری ماری پھر رہی تھی اس کے چڑے کو ایک شکرے نے شکار کر لیا تھا۔ مند پال سے اس ک جی ایسا ملا کہ ایک دوسرے پر واری ہونے لگے۔ جلدی سے جوڑا مل گیا اور سارنگی نے ایک اونچے پیڑ کی ایک شاخ میں جلدی جلدی گھونسلا بنا یا اور چار انڈے دے ڈالے۔ مند پال کا دل باغ باغ ہو گیا۔
پھر کیا ہوا سارنگی تو گھونسلے میں بیٹھی انڈے سیتی رہتی تھی اور مند پال چڑے کے روپ میں اُڑے اُڑے پھرتے تھے۔ اصل میں مند پال کو تو چڑا بن کر پر لگ گئے تھے۔ اتنی عمر انہوں نے برہم چاری بن کر بتا دی۔ ناری سواد کیا ہوتا ہے انہیں پتا ہی نہیں تھا۔ یہ پتا انہیں اب چلا۔ بس پھر تو ان کا رنگ ڈھنگ ہی بدل گیا جس چڑیا کو چہچہاتا دیکھتےاس پہ ریجھ جاتے۔ ایک چڑیا تھی لپتیا وہ کچھ زیادہ ہی چہکتی بولتی تھی مند پال جی کا اس پہ جی آ گیا۔ اپنے پریم پیار سے اسے پر چا یا کہ وہ تو ان پر لٹو ہو گئی۔ بس پھر مند پال جی اپنے بیوی بچوں کو بھولے اور لپتیا کے ساتھ رنگ رلیاں منانے لگے۔
اسی جنگل میں ایک شاما چڑیا رہتی تھی وہ ایسی بلا تھی کہ اُڑتی چڑیا کے پر گنتی تھی اس نے بھانپ لیا کہ یہ رشی جو چڑا بنا ہوا ہے لپتیا پر ڈورے ڈال رہا ہے اور لپتیا اپنا کھیل کھیل رہی ہےاس نے سارنگی کے کان بھرے کہ اری کل چڑی تجھے کچھ بسنت کی بھی خبر ہے تیرا رشی بیا تو بلا کا چڑی مار ہے بن کی کتنی چڑیوں کو اس نے اپنے جال میں پھنسا رکھا ہے ان دنوں وہ اس دم کٹی لپتیا کے ساتھ لگا پھر رہا ہے۔
غریب سارنگی نے یہ سنا اور دل مسوس کر رہ گئی کر بھی کیا سکتی تھی بچے اس کے پاوں کی بیڑی بن گئے تھے ابھی ابھی انڈوں سے نکلے تھے ابھی کہاں اُڑنے جوگے تھے ماں چگا دیتی تھی تو کھاتے تھے۔
شاما چڑیا آفت کی پُڑیا۔ اس نے تو یہ خبر بن کی ساری چڑیوں کے کانوں میں پرو دی۔ چڑیوں میں اس پر خوب کانا پھوسی ہوئی۔ لپتیا اور مند پال پر انگلیاں اُٹھنے لگیں۔ جتنے منہ اتنی باتیں۔ ایک بولی اس نگوڑے رشی کو تو نئی جون بہت راس آئی ہے اپنے بڑھاپے کو بھولا جوانی دیوانی کی مثل بنا ہوا ہے۔ دوسری بولی بڈھے پہ کچھ زیادہ ہی جوانی آن چڑھی ہے۔ تیسری بولی اے بی چڑیو اس حرافہ لپتیا کو کچھ نہیں کہتیں سب چڑوں کو چھوڑ کر کہاں منہ کالا کیا ہے۔ ارے وہ تو ہے ہی سدا کی حرافہ اسے تو یہی کرنا تھا مگر رشی کو کیا ہو گیا۔ اس کی تو ساری تپ بھنگ ہو گئی۔
ادھر رشی جی کو کچھ پتہ نہیں کہ چڑیوں میں کتنی تھڑی تھڑی ہو رہی ہے۔ لپتیا کے عشق نے ان کی آنکھوں پر پردے ڈال دیئے تھے۔ انہیں نہ اپنا ہوش تھا نہ یہ خبر کہ دُنیا میں کیا ہو رہا ہے۔ پہلے وہ رام نام جاپ میں ایسےگم تھے کہ دُنیا کی کچھ خبر نہ تھی۔ اب عشق نے ایسا دیوانہ بنایا تھا کہ انہیں کچھ پتا نہیں تھا کہ دُنیا میں کیا ہو رہا ہے اور کھانڈو بن میں کیا قیامت اُٹھی ہوئی ہے۔ وہ تو کہو کہ اگنی دیوتا سے ان کی کہیں مڈ بھیڑ ہو گئی۔ یہ لپتیا کے ساتھ اُڑے چلے جا رہے تھے۔ اُدھر سے اگنی دیوتا شعلے بھڑکاتے ہوئے چلے آ رہے تھے۔ انہوں نے حیران ہو کر پوچھا، ’’ ہے اگنی دیوتا یہ کیا کر رہے ہو؟’’
اگنی نے جواب دیا، ’’کھانڈو بن میں آگ لگا رہا ہوں ’’
‘‘کارن’’؟ انہوں نے تعجب سے پوچھا
اگنی نے جواب دیا، ’’ رشی جی کیا تمہیں پتا نہیں ہے کہ بھارت ورش کا بٹوارہ ہو گیا ہے کھانڈو بن پانڈووں کے حصے میں آیا ہے یہاں اب ان کی راجدھانی بنے گی۔ پریاں ناگ بہت ہیں پہلے ان کو جلا کر بھسم کرنا ہے پھر یہاں نگر آباد ہو گا’’۔
تب مند پال کی کھُلیں انہوں نے ٹھنڈا سانس بھرا بولے، ’’ زمین کا جب بٹوارہ ہوتا ہے تو پھر یہی ہوتا ہے۔ جانیں جاتی ہیں گھر اُجڑتے ہیں جنتا گھر سے بے گھر ہوتی ہے’’۔ پھر پوچھا، ’’ ہے اگنی باقی جیو جنتو کہاں جائیں گے؟’’ اگنی نے کہا، ‘’ یہ سوچنا میرا کام نہیں ہے میرا کام تو آگ لگانا ہے سو میں نے لگا دی ہے کھانڈو بن آگ کی لپیٹ میں ہے کوئی جیو جنتو نہیں بچے گا’’
اس گھڑی مند پال کو اپنے بیوی بچوں کا دھیان آیا۔ بہت پریشان ہوئے بولے، ’’ ہے اگنی اس بن میں تو میرے بیوی بچوں کا بھی بسیرا ہے اور بچے تو اُڑ بھی نہیں سکتے ابھی تو وہ انڈوں سے نکلے ہیں کیا تو ان بچوں پر بھی دیا نہیں کرے کا؟’’
اگنی سوچ میں پڑ گیا پھر بولا، ‘’ اچھا رشی جی مجھے اپنے ٹھکانے کا پتا بتاؤ میں آگ سے کہوں گا کہ اس ایک گھونسلے کو مت جلائیو’’
مند پال نے اس پیڑ کا پتا بتایا اور اور اس شاخ کا جہاں یہ گھونسلا بنا ہوا تھا اور جہاں ان کے بیوی بچوں نے بسیرا کیا ہوا تھا۔ اگنی نے اتا پتا لیا اور آگے چل پڑا۔
مند پال نے مُڑ کر نظر ڈالی تو پورا کھانڈو بن شعلوں میں لپٹا نظر آیا۔
لپتیا نے گھبرا کر کہا’’ شعلوں کی لپٹ تو یہاں تک آ رہی ہے جلدی سے یہاں سے نکلو’’
دونوں تیزی سے اُڑے اور کھانڈو بن سے دور نکل گئے
اب اُدھر سنو کھانڈو بن میں جب شعلے بھڑکے تو بن کے سارے پشووں پنچھیوں میں کھلبلی مچ گئی۔ اُدھر سارنگی سخت پریشان کہ بچوں کا ساتھ ہے اور گھر کا والی گھر میں نہیں ہے۔ میں عورت ذات بچوں کو کیسے سنبھالوں گی۔ کیسے ان کی جانیں بچاوں گی آس پاس نظر دوڑائی کہ کوئی ایسی جگہ ہے جہاں آگ سے پناہ مل جائے۔ آخر اس نے ایک چوہے کے بل کو تاڑا کتنے دنوں سے یہ ویران پڑا تھا چوہا جو اس میں رہتا تھا ایک شکرے نے اسے شکار کر لیا تھااس نے بچوں کے سامنے یہ تجویز رکھی کہ پاس ہی ایک چوہے کا بل ہے چوہے کو تو ایک شکرا چونچ میں دبا کر لے گیا میں تمہیں اس بل میں چھپائے دیتی ہوں آگ بل کے اندر تو نہیں جائے گیجب آگ بجھ جائے گی تو میں آ کر تمہیں وہاں سے نکال لوں گی۔
بچوں نے اس تجویز کو بالکل پسند نہیں کیا بولے، ’’ ہے ماں وہ چوہا نہیں ہے تو کیا ہوا آس پاس اور چوہے ہوں گے وہ ہمیں کتر کے کھا لیں گے چوہوں کا کھاجا بننے سے یہ کہیں اچھا ہے کہ ہم آگ میں جل مریں ’’۔
سارنگی بہت پریشان ہوئی، ’’ ارے میرے بچو پھر میں کیا کروں تمہارے باپ کو تو رنگ رلیوں سے فرصت ہی نہیں ہے اس چھنال لپتیا نے اس بڈھے کو ایسا باؤلا بنایا ہے کہ اسے گھر بار سے کوئی غرض ہے نہ بیوی بچوں کی کوئی پروا ہے۔ اس مصیبت کی گھڑی میں بھی اسے خیال نہیں آیا کہ اس کے بچوں پر کیا بیتے گی؟’’
بچوں نے ماں کو سمجھایا ماں تو اپنی فکر کر، ہماری چنتا مت کر۔ ہمارے بھاگ میں جو لکھا ہے وہ ہو کر رہے گا۔ اگر بچنا بھاگ میں ہے تو یہ آگ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ اگر جل مرنا ہی بھاگ میں لکھا ہے تو پھر کوئی کیا کر سکتا ہے ہم تو اُڑ کر کہیں نہیں جا سکتے مگر تو تو جا سکتی ہے ہے ماں دیر مت کر جلدی سے یہاں سے نکل جا’’۔
سارنگی بچوں کو سینے سے لگا کر بہت روئی مگر کیا کرتی جب آگ سر پر آ گئی تو انہیں ان کے حال پر چھوڑ کر وہاں سے اُڑ گئی۔ جب سارنگی بھی چلی گئی تو بے چارے بچوں کا رکھوالا کوئی نہ رہا۔ ادھر آگ نے بن میں قیامت مچا رکھی تھی اگنی نے جیسے طے کر رکھا تھا کہ سارے بن کو جلا کر بھسم کر دے گا۔ اپنے شعلوں کے لشکر کے ساتھ مارا مارا کرتا آخر وہ اس پیڑ کے پاس آن پہنچا جہاں یہ بچے بے آسرا بیٹھے چوں چوں کر رہے تھے۔ اگنی دیوتا نے فوراً پہچان لیا کہ یہ تو مند پال کے بچے ہیں۔ اس نے اپنے شعلوں سے کہا کہ ہے شعلواس بر کش کو چھوڑ دو باقی ارد گرد جو کچھ ہے سب کو جلا ڈالو۔ شعلوں نے یہی کیا۔ اگنی نے اپنا کام پورا کیا اور آگے بڑھ لیا۔
اگنی کے چلے جانے کے بعد سارنگی بے قراری کے عالم میں یہاں آئی۔ بچوں کو صحیح سلامت دیکھ کر اس کی جان میں جان آئی۔ انہیں چھاتی سے لگا کر بہت روئی۔ پھر اس نے مند پال کو یاد کیا اور جتنا برا بھلا کہہ سکتی تھی اتنا کہا۔ کہنے لگی کہ دنیا کے پردے میں کوئی ایسا باپ بھی ہو گا کہ گھر میں قیامت مچی ہو اور وہ مُڑ کر خبر ہی نہ لے کہ اس کے بیوی بچے کس حال میں ہیں۔ ادھر بچوں کا بھی دکھ تھا کہ یہ ہمارا کیسا باپ ہے۔ ہماری جان جوکھوں میں تھی مگر اس نے ہماری خبر ہی نہیں لی۔
لیکن مند پال ایسے نہیں تھے جیسا سارنگی نے بچوں پر جتایا تھا۔ انہوں نے اگنی سے سفارش تو کر دی تھی مگر دل کو پھر بھی اطمینان نہیں تھا۔ آگ جتنی بھڑکی اتنی ہی مند پال کی بے چینی بڑھتی گئی۔ آخر انہوں نے لپتیا کو چھوڑا اور چلے اپنے بال بچوں کی اور۔ یہاں آ کر انہوں نے بربادی کا جو منظر دیکھا اس نے انہیں اندر سے ہلا دیا۔ ارد گرد سب کچھ جل گیا تھا مگر ایک جلی شاخ پر وہ گھونسلا مو جود تھا جہاں سارنگی اپنے بچوں کو لیے بیٹھی تھی۔ وہ ڈرتے ڈرتے گھونسے میں گئے مگر سارنگی نے گالی کو سنوں سے ان کا سواگت کیا اور بچوں نے تو بات کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے لاکھ سمجھایا کہ اگنی سے انہوں نے سفارش کی تھی جس کے کارن اس نے ہمارے بسیرے کو سلامت چھوڑ دیا۔ مگر بیوی بچوں نے ان کی ایک نہ سُنی۔
گھر میں مند پال کی یہ درگت بنی۔ باہر والے کیا سوچتے ہیں یہ بھی انہیں پتا چل گیا۔ چڑیوں میں ان کی اتنی تھڑی تھڑی ہو رہی ہے اور بن کے پنچھی ان کے بارے میں کیسی کیسی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے سوچا کہ آدمی کی جون میں میری اتنی عزت تھی کہ لوگ میرے پاوں دھو دھو کر پیتے تھے۔ اب بھی میں اس جون میں کہیں جا کر پدھاروں تو لوگ آنکھیں بچھائیں گے۔ لیکن چڑے کی جون میں آ کر میری یہ دُرگت بنی ہے کہ نہ میری گھر میں کوئی عزت ہے نہ باہر کے لوگ مجھے اچھا سمجھتے ہیں تو کیوں نہ میں اپنی آدمی والی جون میں واپس چلا جاؤں مگر پھر انہیں خیال آیا کہ انہوں نے اولا د کے لئے یہ کشٹ کھینچا تھا اور اولاد کے لئے اس کارن کہ اولاد والے کی صورت میں ہی ان کو مکتی ملنی تھی۔ اگر وہ آدمی کی جون میں واپس چلے گئے تو پھر وہ بے اولاد ے ہو جائیں گے۔
تو بے چارے مند پال رشی عجب دُبدا میں تھے۔ کس جون کو چھوڑیں کس جون میں رہیں بس اسی میں وہ آدھے تیتر آدھے بٹیر بن گئے۔ نجات کی صورت یہی نظر آتی کہ جلدی سے ان کا انت ہو اور انہیں مکتی مل جائے۔ مگر ان کی عمر کھنچتی چلی جا رہی تھی اور جیون لمبا ہوتا جا رہا تھا۔ اور مند پال آدھے تیتر آدھے بٹیر۔ آدمی کے روپ میں رشی تھے ساری جنتا ان کے چرن چھوتی تھی۔ چڑے کے روپ میں باہر نکلیں تو انگلیاں اُٹھیں ڈیوڑھی میں قدم رکھیں تو گالی کوسنوں سے سواگت کیا جائے۔
جب بہت خراب ہوئے تو مند پال نے سوچا کہ جو اپنی جون ہے وہی بھلی۔ جو بھی اپنا انجام ہو اپنی جون میں واپس چلنا چاہیئے۔ یہ طے کر کے بس وہ آدمی کی جون میں جانے کو تھے کہ ایک شوخ چلبلی چڑیا کہیں سے اُڑتی ہوئی آئی اور ان کے قریب ہی ایک شاخ پر بیٹھ کر چہچہانے لگی۔ مند پال کا جی مچل گیا۔ رہا نہ گیا۔ سوچا کہ جہاں چڑے کی جون میں اتنے دن گزارے ہیں دو ڈھائی دن اور سہی۔ بس فوراً ہی پھدک کر اس چڑیا کے پاس پہنچے اور گردن پھُلا کر اس سے عشق جتانے لگے۔ وہ چڑیا بھی آفت کی پر کالہ تھی۔ ایسی آسانی سے قابو میں آنے والی نہیں تھی۔ اس نے بھانپ لیا کہ یہ چڑا تو بالکل ان میں سے ہے جو چڑی کے غلام بن جاتے ہیں۔ چڑے سے منہ پھیر کر وہ دم بھر کے لئے چہچہائی اور پھر سے اُڑ گئی۔ مند پال تو اُس کی اس ادا پہ لوٹ پوٹ ہو گئے۔ انہوں نے بھی پھریری لی اور اس کے پیچھے پیچھے اُڑتے چلے گئے۔
٭٭٭

رکی ہوئی آوازیں

محمد منشا یاد

سب سے پہلے حمد اس رب کی جو معاف کر دینے والا اور بے حد مہربان ہے اور جو جانتا ہے سب کچھ….؟
دلوں کے اندر اور باہر
اور جس سے چھپی ہوئی نہیں ہیں خباثتیں اور منافقتیں
فتنہ و فساد کرنے اور نفاس ڈالنے والوں کی
بے شک وہی بچانے والا ہے اپنے بندوں کو
بدی اور شر کے عفریتوں سے
اور دیوانے کتوں سے
اور آدمی آدمی جتنے بچھوؤں سے
جن کی سانسوں سے تعفن پھیلتا اور بادِ مشرق مسموم ہوتی ہے
اور وہی حکمرانی دیتا ہے زمین پر اور وارث بناتا ہے کمزوروں اور ناتوانوں کو جنہیں طبقات میں بانٹ کر کمزور کر دیتے ہیں فرعون۔
بے شک وہی تعریف کے لائق ہے۔
اور وہی ناتواں کو توانائی بخشنے والا ہے
اس کے بعد سناتے ہیں تمہیں ایک قصہ
اس عجیب شخص کا
جو بیٹھا رہتا تھا دن رات
اور دیکھتا رہتا تھا اس کو محبت کے ساتھ
اور سنتا تھا بہت اونچا
اور نہیں بول سکتا تھا ہر گز
کہ نہیں تھی اس میں بول سکنے کی قوت
اور کرتا تھا ساری بات اشاروں سے
اور پھر رو پڑتا تھا اپنی بے بسی پر، جب سمجھنے والا نہیں سمجھ سکتا تھا اس کی بات یا نہیں سمجھنا چاہتا تھا جان بوجھ کر۔
عذاب ان کے لئے نہیں جو جانتے نہیں ہیں۔ عذاب ان کے لئے ہے جو جاننا چاہیں تو جان سکتے ہیں مگر نہیں جاننا چاہتے اور نہیں جانتے اور عذاب ہے ان کے لئے بھی ہے جو جانتے ہیں مگر نہیں مانتے اور وہ مصلحت کے کنوئیں سے باہر نکلنا چاہیں تو نکل سکتے ہیں مگر وہ نہیں چاہتے اور نہیں نکلتے اور جب لٹکاتے ہیں مسافر اپنی دستاریں ان کے لئے کہ ان کو پکڑ کر باہر آ جائیں تو کھینچ لیتے ہیں ہر دستار نیچے۔ پھر ٹھٹھا کرتے ہیں اور نہیں جانتے کہ عنقریب ان کے غلیظ بدنوں کی بدبو دور تک پھیل جائے گی اور کوئی نہیں آئے گا ان کی مدد کو۔
سو وہ ٹھٹھا کرتے اس کی حرکتوں پر اور نہ ڈرتے اپنے رب سے اور کہتے کہ بنایا ہے انہیں رب نے بہتر اور مکمل اور دیا ہے حسن اور تندرستی اور مال کہ وہ اس کے حقدار تھے مگر وہ جو نہیں جانتے تھے ایسا۔
ترس کھاتے تھے اس شخص پر
جو پڑا رہتا تھا ایک جھونپڑی میں دن رات
اور گھورتا رہتا تھا اس مکان کو
جس کو تعمیر کیا تھا اس کے بزرگوں نے اور وہ تھے بڑے صبر والے اور محنت کرنے والے۔
سو وہ ڈھوتے رہتے تھے اپنی پیٹھوں پر
اینٹیں اور روڑے اور گارا اور چونا
اور جو جو سامان تعمیر کا درکار ہوتا
اور نہ پرواہ کرتے وہ سورج کی تمازت کی جب ان کے سروں پر چمکتا اور نہ ڈرتے وہ سُن کر دینے والی ٹھنڈی ہواؤں سے۔
اور لگے رہتے کام میں شب و روز تاکہ بنائیں ایسا پختہ اور بڑا مکان جس میں خوشی سے رہیں وہ
اور ان کے بچے
اور ان کے بچوں کے بچے
اور بچے رہیں موسم کی سختیوں اور تیزیوں سے
سو وہ بناتے رہے ایک عظیم مکان، پر شکوہ عمارت اور اٹھایا اسے پختہ اور گہری بنیادوں پر
تاکہ قائم رہے صدیوں تک اور نہ ڈگمگائے اور گرے بارشوں اور طوفانوں میں اور اس میں شگاف نہ پڑیں ژالہ باری سے
اور انہوں نے بنیادوں کو محکم کیا خون اور پسینے سے
تاکہ ٹیڑھی نہ ہو جائیں محرابیں، فصیلیں اور منڈیریں
جب زلزلے آئیں
اور گڑگڑاہٹ سنائی دے
سو وہ بناتے رہے ساری عمارت مطابق اس نقشے کے
جو ملا تھا انہیں اپنے بزرگوں سے ورثہ میں
اور نہ سنی انہوں نے حاسدوں کی بات جو کہتے تھے کہ عمارت نہیں ہے رہنے کے لائق
اور عذاب ان کے لئے بھی ہے جو ہمہ وقت ٹوہ میں رہتے ہیں۔ دوسروں کی کمزوریوں کی اور عیب جوئی کرتے ہیں دن رات مگر نہیں دیکھتے اپنی طرف اور کہتے ہیں تندرستوں سے کہ وہ ہیں بیمار اور معذور اور ایسے لوگوں کے لئے اللہ نے آگ بھڑکا رکھی ہے۔
اور عذاب ان کے لئے بھی ہے جو دیتے ہیں کورے کاغذوں کے تعویذ اور نہیں کرتے علاج…. مگر دیتے ہیں جھوٹی تسلیاں بیماری اور رنج سے نجات حاصل کرنے کی مگر وہ رنجیدہ نہ ہوئے حاسدوں کی بات سے اور طعنوں سے
اور بنایا خوب صورت عالی شان مکان
سامنے اس بچے کی آنکھوں کے
جو بڑا ہو کر سسکیاں بھرتا تھا
اور مکان کی حالت دیکھ دیکھ کر کڑھتا تھا
مگر وہ تھا بے بس اور ناتواں
اور وہ اسے چھوڑ کر چلے گئے تھے
پاس اپنے رب کے جو سب کا پالنے والا اور مارنے والا ہے
جسے چاہتا ہے اپنے پاس بلا لیتا ہے۔
سو اس نے بلا لیا اس کے باپ دادا کو باری باری
اور چھوڑ دیا بے آسرا اس کو جس کی آنکھوں کے سامنے تعمیر کیا گیا تھا مکان۔ بے شک اللہ نہایت حکمتوں والا اور رازوں کو جاننے والا ہے۔
پس جب وہ رہ گیا اکیلا
تو اسے لے لیا اپنی سپردگی میں
ان لوگوں نے
جو دعویٰ رکھتے تھے دوستی کا اور بھائی چارے کا اس سے اور اس کے باپ دادا سے۔
اور وہ کہتے تھے کہ وہ پرورش کریں گے اس کی
اور نگہداشت رکھیں گے مکان کی
اور نہ لیں گے کوئی چیز عوض اس کے بجز نیکی کے
اور دعوے کرتے تھے کہ وہ دستبردار ہو جائیں گے
اور چھوڑ دیں گے مکان
بعد بچے کی بلوغت کے
مگر وہ پھر گئے اپنے وعدوں سے
اور وہ تھے خود غرض
انہوں نے کھانے کو دیا بہت تھوڑا اور نہ بولنے دیا کسی بات پر اور منحرف ہو گئے ان وعدوں سے جو انہوں نے کئے تھے ان سے جو اب قبروں میں لیٹے تھے گہری نیند
اور عذاب ان کے لئے بھی ہے جو نہیں پہچانتے زندوں کو مگر پھول چڑھاتے ہیں قبروں پر اور یاد کر کے روتے ہیں ان کو جو اپنے وقت میں نہ پہچانے جانے کے صدمے سے مر گئے تھے۔
سو انہوں نے رو گردانی کی ان لفظوں سے جو انہوں نے ادا کئے تھے اپنی زبانوں سے اور کھاتے تھے یتیم کا مال
مگر نہیں بولنے دیتے تھے اسے ہرگز۔
اور سخت عذاب ہے ان کے لئے جو بے حرمتی کرتے ہیں معصوم لفظوں کی۔ اور لذت کی سیخوں میں پرو کر بے خطا لفظوں کو بھونتے ہیں۔ ہوس کے انگاروں پر اور بیچ دیتے ہیں خوشبو کو عوض پتھروں اور مردہ گوشت کے اور زیاں کرتے ہیں کاغذ اور سیاہی کا اور اپنی تحریر کی ہوئی سطروں کو پہچاننے سے انکار کر دیتے ہیں اور اللہ پسند نہیں کرتا سیاہی اور کاغذ کے زیاں کو کہ جس سے فروغ دیا جا سکتا تھا آسمانی کتابوں اور زمینی محبتوں کے قصوں کو۔
سو انہوں نے انحراف کیا …. اور پھر گئے اپنے وعدوں اور لفظوں سے اور دی اسے ایک روٹی۔
جسے لگی تھی سخت بھوک تین روٹیوں کی
اور وہ دبلا ہوتا چلا گیا
اور کہاں سے آتی اس میں قوت اور سکت
احتجاج کرنے کی
اور اپنا حق مانگنے کی
اور وہ شخص بھول گیا بولنا
اور اسے پتہ نہیں چلتا تھا کس طرح کرتے ہیں کلام
مگر اللہ جانتا ہے دلوں کے بھید
آخر چلے گئے وہ لوگ
بعد کئی برسوں کے چھوڑ کر مکان
مگر وصول کر لی انہوں نے پگڑی
اور ظاہر کرتے تھے خود کو اصل وارث
حالانکہ نہیں تھے وہ اصل وارث
اور وہ بول نہیں سکتا تھا کہ اسے نہیں سکھایا گیا تھا بولنا۔
نہ اجازت دی گئی تھی اس کی
اور وہ رہ گیا نئے مالکوں کے درمیان
اور وہ اسے ڈال دیتے تھے تھوڑا سا کھانا علیحدہ برتن میں
اس کی بھوک کا ایک چوتھائی
اور وہ کھا لیتا اکثر چرا کر
راتب نجس چوپائے کا
اور چن لیتا مرغیوں کے آگے سے دانہ دنکا
اور پی لیتا بہت سا ٹھنڈا یا گرم پانی
اور کمی پوری کر لیتا خوراک کی تاکہ زندہ رہے اور دیکھتا رہے اس عمارت کو۔ جو اس کے باپ دادا نے بنائی تھی۔
اور سناتے ہیں تمہیں قصہ اس عمارت کا
جو بنائی گئی تھی بڑی عالی شان
دو منزلہ
اور جس کا اصل وارث اسے حسرت سے تکتا رہتا تھا
پھر چلے گئے وہ لوگ بھی
اور لے گئے ساتھ اکھاڑ کر
مکان کی اوپر والی منزل
اور نیلام کیا بہت سا ملبہ
مگر وہ بول نہیں سکتا تھا اور نہ کر سکتا تھا کلام
اور نہ ہی اس میں جھگڑا کرنے کی سکت تھی
سو وہ دیکھتا رہا پاس کھڑا
اور روتا رہا اندر ہی اندر
اور خرید لیا باقی کا حصہ دوسرے لوگوں نے جو کم ظالم نہیں تھے اگلوں سے
سو انہوں نے نکال باہر کیا اسے
مگر دے دیتے تھے وہ بھی ایک روٹی
بجائے تین کے
پیاز کی گٹھلی کے ساتھ
مگر نہیں کرتا تھا وہ شکوہ کسی سے
اور بے شک وہ کر نہیں سکتا تھا اگر چاہتا بھی۔
مگر وہ رو سکتا تھا۔
اور روتا تھا۔ دیکھ دیکھ کر اکھڑی ہوئی اینٹوں کو
اور ٹوٹی ہوئی منڈیروں کو
اور وہ دیکھ بھال اور مرمت نہیں کرتے تھے مکان کی
اور نہ تھی انہیں کچھ محبت اس سے
پھر چھوڑ دیا اس نے کھانا اور پینا
اور پھینک دیتا باسی روٹی کوڑے پر
اور پیاز کی گٹھلی کو ٹھوکر مارتا پاؤں سے کہ دور جا پڑے اس سے
اور بھر لیتا پیٹ اڑنے والے پرندوں کے شکار سے
اور اللہ نے وافر کیا اس کے لئے شکار درختوں پر اور جھاڑیوں میں
اور مل جاتے نہایت لذیذ پھل۔ اور وہ نکال لیتا اپنے لئے کوئی نہ کوئی راستہ جب اسے بھوک لگتی۔
اور درد ناک عذاب ہے ان کے لئے جو بیٹھ جاتے ہیں راستوں میں گھنی چھاؤں دیکھ کر اور راستہ نہیں دیتے چلنے والوں کو
پھر جب وہ نکال لیتے ہیں نیا راستہ تو حسد کرتے ہیں اور برا بھلا کہتے ہیں چلنے والوں کو اور نہیں جانتے کہ عنقریب ان کے غلیظ بدنوں کی بدبو دور تک پھیل جائے گی۔
سو وہ نکال لیتا کوئی راستہ پیٹ بھرنے کا
اور بحال ہونے لگیں اس کی تمام قوتیں
اور وہ سننے لگا
آہٹیں اور آوازیں
اور پرندوں کا شور
اور بادل کے گرجنے کی آواز
اور جمع ہونے لگیں اس کے اندر آوازیں
اور برسوں کی رکی ہوئی باتیں
اور مچلنے لگے غصے اور جوش کے جذبات
اور پھٹنے لگا اس کا سینہ
رکی ہوئی باتوں اور آوازوں کے شور سے
اور سنا دیا ہم نے تمہیں ایک دلچسپ قصہ۔ اس شخص کا
جو ایک روز بادل کی طرح گرجے گا اور لرز جائیں گے
وہ سب اس کی آواز سن کر
جس میں برسوں کی رکی ہوئی چنگھاڑ ہو گی۔
٭٭٭

افسانے

مَلبہ سانس لیتا ہے

محمد حمید شاہد

جب آوی کے پاس فرشتے اترے

ماسٹر فضل جُو ٹھیک ٹھیک آنکنے میں ناکام رہے تھے کہ اُنہوں نے کِتنی دیر تلاوت کی تھی۔ رمضان کے عین آغاز میں ہی وہ تخمینہ لگا چکے تھے کہ روزانہ اِتنا پڑھیں گے تو ستائیسویں کو ختم القرآن کی مطلوبہ تعداد مکمل ہو گی۔ مگر جوں جوں روزے ایک ایک کر کے کم ہو رہے تھے اُن کی تَشویش بڑھتی جا رہی تھی۔ جِس قدر اُنہیں پڑھنا چاہیے تھا، وہ پڑھ نہیں پا رہے تھے اور بعض روز تو یوں ہوتا تھا کہ وہ اپنے تئیں رات بھر تلاوت کرتے رہتے تھے مگر جو ورق اُلٹ پلٹ کر دیکھتے تو خود کو کوسنے اور شیطان مَردُود کو پَھٹکار نا شروع کر دیتے کہ آخر تلاوت کرتے کرتے وہ کہاں چلے جاتے تھے۔
تو یوں تھا کہ آج بھی وہ کہیں اور تھے۔
رات تَراویح سے لوٹے تو یہی کوئی گھنٹہ پون گھنٹہ ہی کمر سیدھی کر پائے ہوں گے کہ انہیں لگا جیسے کوئی روئی جیسے ملائم ہاتھوں سے اُن کے پاؤں کے تَلوے سہلا رہا ہو۔ اُنہیں مزا آ رہا تھا مکّر مار کر پڑے رہے حتیٰ کہ تراویح میں مُسلسل کھڑے رہنے سے ٹانگوں میں جمع ہو کر جم جانے والا خُون نرم و گداز لمس کی لطیف حرارت سے پھر رواں ہو گیا۔ ایسے میں ہی شاید، دائیں پاؤں کے تلوے کی عین ڈھلوان میں، وہاں جہاں پوست قدرے زیادہ ڈھیلا پڑ جانے کی وجہ سے سہولت سے چٹکی میں آ جاتا ہے، چٹکی میں لا کر مسل دیا گیا۔ چٹکی میں آنے والے پوست سے لگے گوشت نے لمحہ بھر کے اندر اندر ایک میٹھے درد کو پورے بدن میں جھونک دیا۔ وہ ہڑبڑا کر اُٹھے اور ابھی نظر کا چشمہ تلاش نہ کر پائے تھے کہ ایک کھنک سی فضا میں تیر گئی۔ اُن کے سنبھلتے سنبھلتے سارا کمرا گہری خاموشی اور اکیلے پن کے احساس سے گونج رہا تھا۔
کمرے میں مدھم روشنی والا بلب، فینسی شیڈ کے اندر سے اُن کے بستر سے قدرے دور، دبیز قالین پر، ایک دائرے میں روشنی پھینک رہا تھا۔ وہ کچھ بھی سوچے بغیر بٹر بٹر اس دائرے کو بہت دیر تکتے رہے حتی کہ خواب میں بدن کا حصہ ہو جانے والا لطیف احساس خود بخود معدوم ہو گیا۔ اب انہیں اس ماہ مبارکہ کی پاکیزہ ساعتوں کے یوں ہی گزر جانے کا احساس تڑپا رہا تھا لہذا اُٹھے اور سیدھے واش روم میں گھس گئے۔
وضو تازہ کرنے کے بعد وہ تب سے پڑھنے بیٹھے تھے، اور سحری کے لیے جگانے والے سرکاری سائرن کی دوسری لمبی گھوں پر وہ بوکھلا کر سیدھے ہو گئے تھے۔ یہ بوکھلانا اتنا شدید اور غیر متوقع تھا کہ گود میں پڑا ہوا قرآن پھسلنے لگا تھا۔ انہوں نے فوراً اُسے تھام لیا۔ ہڑبڑاہٹ کچھ کم ہوئی تو اس نشانی کو تلاش کیا جہاں سے انہوں نے تلاوت کا آغاز کیا تھا۔ پھر تیز تیز ورق اُلٹتے الٹتے وہاں پہنچے جہاں تک، وہ اپنی دانست میں پڑھ چکے تھے۔
’’ہائیں، بس اتنا ہی‘‘
یہ انہوں نے قدرے اُونچی آواز میں کہا تھا اور ابھی تک فضا میں اُن کی بات ٹھہری ہوئی تھی کہ اُنہوں نے قرآن پاک کو دونوں طرف سے اور وسط میں بار بار بوسے دینے اور دائیں بائیں آنکھوں سے لگانے کے بعد چھاتی سے یوں بھینچ لیا جیسے فضیلت بھینچ لیا کر تی تھی۔
جب اُس کی ڈولی اُٹھی تھی تو فضیلت جان کو سولہواں لگا تھا۔ الہڑ اِتنی کہ ایڑھیاں زمین پر ٹکتی نہ تھیں۔ قد نکلتا ہوا، رنگ کِھلتا ہوا اور آواز یوں کہ آدمی سنے تو مست ہو جائے۔ جب وہ آئی تھی تو اس کا نام فضیلاں تھا اور اسے بہت ساری باتوں کی سمجھ بھی نہ تھی۔ جیجو کمہار کی بے ماں بیٹی، جو باپ کے ساتھ مٹی ڈھوتے، اسے گوندھتے، صحنکیں، گھڑے، بٹھل، چھونیاں، کوزے، چلمیں اور ہویجے چاک پر چڑھاتے اور ان کی صورتیں بناتے ہوے خود ایسی بھولی بھالی صورت میں ڈھل گئی تھی کہ اٹھی نظر ہٹتی نہ تھی۔ جیجو خود بھی اسے دیکھتا تو اس کے پسینے چھوٹ جاتے تھے۔ فضیلاں کے پیدا ہونے اور فضیلاں کی ماں کے مرنے کا واقعہ ایک ساتھ ہوا تھا۔ تب سے اب تک وہ اس کے لیے امتحان تھی۔ اور جب اس کا امتحان اس کی برداشت سے باہر ہو گیا تو خدا نے اس کی مشکل خود ہی آسان کر دی۔
یہ مشکل یوں آسان ہوئی تھی کہ فضل جُو بھی اُس کے گھر کے پھیرے لگانے لگا تھا۔
فضل جُو، جو ابھی خاکوٹ کے پرائمری ا سکول میں ماسٹر نہیں لگا تھا، دوسرے نوجوانوں کی طرح بلا سبب کئی کئی بار مٹی کے تباخ اور صراحیاں خرید چکا تھا۔ وہ اس کے گھر کے چکر کیوں لگا رہا تھا؟ وہ بہت جلد سمجھ گیا تھا اور یہ بھی جان گیا تھا کہ وہ یہاں سے جو کچھ خرید لے جاتا تھا، گھر نہ لے جاتا تھا۔ اگر لے گیا ہوتا تو پیش امام صاحب، اور بی بی صاحبہ کو ضرور کھٹک جاتا۔ تاہم وہ بے بس تھا اور اِتنا کم حیثیت کہ کوئی خدشہ یا کوئی شکایت منھ پر لانے کا سوچتا بھی تو اس کی کمر کے کپڑے گیلے ہو جاتے تھے۔
واقعات کے اِسی تسلسل میں، جب جیجو مایوسی کی اس انتہا کو پہنچ گیا تھا جس میں خود سے خدشہ ہونے لگتا ہے کہ اس روگ سے تنگ آ کر کہیں اپنی جان کا نقصان ہی نہ کر بیٹھے، ایک ایسا واقعہ ہوا کہ مایوسی اس کے بدن سے خود بخود نچڑ گئی۔ واقعہ یہ ہوا تھا کہ فضل جُو گاؤں کے دوسرے لونڈوں سے اُلجھ پڑا تھا کہ وہ نہیں چاہتا تھا کہ کوئی اور جیجو کی آوی کے چکر لگائے۔ یہ اکیلا تھا اور وہ چار، لہذا انہوں نے فضل جُو کی ہڈیاں کوٹ کر رکھ دی تھیں۔ یہ واقعہ اگرچہ خُوشگوار نہ تھا مگر اس ایک واقعے نے کل تک گاؤں بھرکے دوسرے لونڈوں جیسا نظر آنے والے فضل جُو کو ان سب سے مختلف ہو کر دیا تھا جو اس کی بیٹی فیضلاں پر شرمناک نظریں گاڑنے اورلَپ لَپ رالیں ٹپکانے والے تھے۔
پیش اِمام صاحب جتنی بار مسجد جاتے تھے، فضل جُو لگ بھگ اتنی ہی بار بہانے بہانے سے جیجو کے گھر کے پھیرے لگا آتا۔ فضل جُو کا باپ گاؤں کی مسجد میں پیش امام تھا اور جیجو کمہار ماشکی۔ جیجو مسجد کا پانی تو باقاعدگی سے بھرتا تھا مگر نمازی وہ عید بقر عید والا تھا کہ اس بہانے اسے کپڑوں کا نیا جوڑا پہننے کو مل جاتا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ نئے کپڑے جسم پر نماز کے بعد ہی حلال ہوتے اور زیادہ عرصے تک چلتے تھے۔ کپڑوں کے نئے جوڑے میں برکت کی نیت سے وہ مسجد کے اندر جا کر ما تھا ٹیک آتا تھا مگر پوری یکسوئی سے نماز اس لیے نہ پڑھ پاتا کہ رکوع میں جاتے ہوے یا پھر سجدہ کرتے ہوے کپڑوں کا نیا پن اسے اپنی طرف متوجہ رکھتا تھا۔ نماز پڑھنے کے بعد مسجد سے نکلتے ہی اسے فکر لاحق ہو جاتی تھی کہ سجدہ کرتے اور رکوع میں بیٹھتے ہوے اس کے کپڑے گھٹنوں تلے آ کر مسک گئے ہوں گے۔ وہ تسلی کرنے لیے راہ میں کئی بار جھک کر انہیں دیکھتا، ہاتھوں میں تان کر اور پھٹک کر جانچتا۔ ایسا کرنے میں وہ اس قدر مگن ہو جاتا تھا کہ اکثر راہ گیروں سے ٹکرا جاتا تھا۔ ایسے میں اسے تو بہت خجالت کا سامنا کرنا پڑتا تھا جب کوئی بڑی عمر کی خاتون اس پر گالیوں کی بوچھاڑ کر دیتی تھی۔
گاؤں کی دوسری روایات کی طرح کمہار ہونے کی حیثیت سے ماشکی کا کام بھی اس کے فرائض میں شامل تھا۔ نمازیوں کی خدمت کا جذبہ اس کے اندر شاید اس لیے پیدا نہ ہو سکا تھا کہ مسجد کا حوض بھرتے بھرتے اس کی کمر دوہری ہو گئی تھی۔ جب بھی اس کے کپڑے پھٹتے تھے، یا تو کمر سے پھٹتے، جہاں وہ مشک ٹکایا کرتا تھا یا پھر عین گھٹنوں کے اوپر سے۔ اسے ہر بار شک ہوتا کہ پہلے روز سجدہ کرتے وقت گھٹنوں تلے آ کر کپڑا زمین سے رگڑ کھا کر پتلا ہو گیا ہو گا اور چھاننی بن جانے والا کپڑا تو ایک روز پھٹ ہی جایا کرتا ہے۔ ایسے میں وہ خلوصِ دل سے تمنا کرتا کہ کاش وہ ماشکی نہ ہوتا اور صرف کمہار ہوتا مگر دوسرے ہی لمحے اسے اپنی حماقت پر رونا آ جاتا تھا کہ بھلا کیسے ممکن تھا، ایک آدمی کمہار تو ہو اور ماشکی نہ ہو؟
کمہار ہو کر مسجد کا ماشکی ہونا اسے وراثت میں ملا تھا۔ اس کا باپ، بہت پہلے شدید سردیوں میں، ابھی تاروں کی چمک مدھم نہیں ہوئی تھی اور شیدے بانگی نے فجر کی اذان بھی نہیں دی تھی، پانی بھرکر لاتے ہوے عین مسجد کی پرلی نکڑ کے پاس، ٹھوکر کھا کر منھ کے بل گر گیا۔ یوں کہ، چمڑے کی مَشک کے منھ پر مضبوطی سے جما اُس کا ہاتھ ڈھیلا پڑ گیا، اور گڑگڑ کرتا پانی نکل کر اسے پوری طرح بھگو گیا تھا۔ اُسے گھٹنے پر چوٹ آئی، چوٹ اگر چہ زیادہ نہ تھی مگر کسی پتھر کی نوک پر پڑنے سے گھٹنے میں اتنی فوری اور شدید تکلیف ہوئی تھی کہ اس کی آنکھوں کے آگے تِرمِرے ناچ گئے تھے۔ جب تک اس درد کی شدت مدھم ہوئی، مشک کا یخ پانی اسے پوری طرح بھگو چکا تھا۔ گھر پہنچا تو وہ ٹَھرّوں ٹَھرّوں کر رہا تھا۔ پھر اسے تپ چڑھا اور اس تپ نے اسے اتنی ہی مہلت دی کہ مشک بیٹے کو تھما دیتا۔ بیٹے کی مسیں ابھی پوری طرح بھیگی نہ تھیں کہ بھیگا ہوا باپ ٹھٹھر کر مر گیا۔ اسے مشک سے نفرت ہو گئی۔ ۔ ۔ مگر وہ اس نفرت کے ساتھ زندہ رہنے پر مجبور تھا۔
جیجو اپنے مرحوم باپ کی طرح وضو خانے سے ملحق حوض کو پانی سے بھرتا رہتا۔ حوض ہر نماز کے بعد خالی ہو جاتا تھا۔ اسے ان لوگوں پر بہت غصہ آتا جو اس کے گمان میں زیادہ پانی خرچ کرتے تھے۔ ان میں سے جازو جولا ہے، فیقے مستری اور میر شفیع کو وہ مسجد سے واپس آتے ہوے ہر بار اس حال میں دیکھا کرتا کہ ان کی قمیضوں کے دامن، داڑھیاں یا پھر شلواریں گھٹنوں تک تر نظر آتی تھیں۔ سودے لُون کے بارے میں تو گاؤں بھر میں لطیفہ مشہور تھا کہ اسے اپنا ایک ایک عضو بھگونے کے لیے الگ سے بھرا ہوا پانی کا لوٹا چاہیے ہوتا ہے۔
جیجو جب بھی خالی مشکیزہ کندھے پر جما کر سائیں سوجھے کی چِٹّی قبر کے پیچھے سے ہوتا پہاڑی کے مُڈھ سے بَل کھا کر گزرتے پتلا پانی تک پہنچتا تھا تو اس کے پاؤں کے پنجے ڈھلوان میں مسلسل اُترنے کی وجہ سے اوپر اٹھنا بھول چکے ہوتے تھے۔ اسے وہاں سے مشکیزہ بھرنا ہوتا تھا وہاں پتھروں پر آگے ہی آگے چھچھلتی پھسلتی چلے جانے والی اُتھلے پانی والی یہ ندی پیالہ بن کر لمحہ بھر کے لیے پانی ٹھہرا کر آئینہ بنا لیتی تھی۔
وہ مشکیزہ بھر کر اس کا منھ مٹھی میں دبا لیتا اور شیشہ بنے پانی میں خاکوٹ کے مکانوں کے عکس دیکھتا تو اس کا دل بیٹھ جاتا تھا۔ ایسے میں جھک کر کندھے پر مشکیزے کو اٹھانا اور بھی مشکل ہو جاتا۔ تاہم وہ بوجھل دل کے ساتھ اوپر کو چل دیتا تھا۔ مسجد تک پہنچتے پہنچتے اسے سودے لُون سے جازو جولا ہے تک جو بھی یاد آتا اس کی دل ہی دل میں ماں بہن ایک کرتا جاتا۔ تاہم وہ واقعہ جس نے اس کے روّیے کو تبدیل کر کے رکھ دیا تھا، وہ فضل جُو کا گاؤں کے دوسرے لونڈوں سے مار کھانا تھا۔ اب وہ اوپر سے پتلے پانی تک جس طرح بھاگتا ہوا جاتا تھا اور جیسے پانی سے بھرا ہوا مشکیزہ اٹھا کر پنجوں کے بَل اچھلتا کودتا اوپر پہنچتا تھا، اُس پر سائیں سوجھے کی چٹی قبر ہر بار اسے حیرت سے دیکھنے لگتی تھی۔
بُری طرح پِٹ کر زخمی ہونے والے فضل جُو کو جب لوگوں نے اُس کے گھر پہنچایا تو اس کی ماں، جو بچیوں کو قرآن پڑھانے کی نسبت سے گاؤں بھر میں محترم تھیں اور سب انہیں بی بی صاحبہ کہتے تھے، پہلے تو بیٹے کی حالت دیکھ کر چکرا کر گریں، اور جوں ہی ہوش آیا، چھاتی پیٹ پیٹ کر اپنے بچے پر یہ ظلم ڈھانے والوں کو کوسنے لگیں۔ پیش امام صاحب عصر کی نماز کے بعد مسجد گئے تو واپس پلٹنے کی بہ جائے اپنے مُرشد کے ملفوظات کی کتاب پڑھنے کے لیے وہیں حجرے میں بیٹھ گئے تھے، خلاف معمول اپنی بی بی کی کوسنے اٹھاتی آواز سنی تو ہڑبڑا کر حجرے سے باہر نکلے اور مسجد کے دروازے سے ملحق اپنے گھر کے دروازے پر جمع ہجوم کو چیرتے اندر گھس گئے۔ لوگوں نے اتنے قلیل عرصے میں وہ اشارے کر دے دیے تھے جو بیٹے کی حالت دیکھ کر اور بی بی کے بین سن کر انہیں سارا معاملہ سمجھا گئے تھے۔ تاہم اس لمحے جب وہ اپنے گھر کے آنگن میں کھڑے تھے، انہیں نہ تو زخمی بیٹا نظر آ رہا تھا نہ پڑوسنوں کے درمیان کھڑی چھاتی کوٹتی اور گالیاں بکتی بی بی کہ وہ تو اپنی اس نیک نامی اور عزت کو خاک میں ملتا دیکھ رہے تھے جو عمر بھر کی ریاضت کا حاصل تھی۔ انہوں نے چھاتی کو وہاں زور سے دبایا جہاں انہیں بوجھ محسوس ہو رہا تھا، آنکھوں کے آگے اندھیرا سا لہرانے لگا۔ اس خدشے کے باعث کہ کہیں چکرا کر وہ گر ہی نہ جائیں وہیں زمین پر بیٹھ گئے۔ بی بی صاحبہ نے پیش امام کو یوں زمین پر بیٹھتے دیکھا تو ان کی آواز حلقوم ہی میں ڈھے گئی تھی۔
شام کی نماز سے پہلے پہلے وہ ہوش میں آ گئے تھے، مگر ہمت نہیں پڑ رہی تھی کہ وہ مسجد جائیں۔ تاہم انہوں نے یہ نماز قضا نہیں ہونے دی۔ اور جب وہ رو رو کر اپنے ان گنا ہوں کی معافی مانگ رہے تھے جو ان کی یادداشت سے باہر پڑے تھے اور جن کی سزا اُنہیں اِس رُسوائی کی صورت مِل رہی تھی تو آنسوؤں سے اُن کی داڑھی بھیگ گئی تھی۔ وہ بہت دیر بعد مصلے سے اٹھے، زخمی فضل جُو کا ہاتھ تھاما، یوں زور سے جَھٹکا دے کر اُسے چارپائی سے اتار، کہ اگر وہ نہ اُترتا تو ہو سکتا تھا اُس کا بازو ہی کندھے سے اُتر جاتا۔ بی بی صاحبہ نے یہ دیکھا تو بھاگتے ہوے بیچ میں آئیں۔ پیش امام صاحب نے اسے دوسرے ہاتھ سے پرے دھکیل دیا۔ وہ فضل جُو کو گھسیٹتے ہوے باہر نکل گئے۔ گاؤں والے ایک بار پھر بی بی صاحبہ کی چیخیں سُن رہے تھے۔
جیجو کے لیے ان ہونی ہو گئی تھی۔ پیش امام صاحب نے کچھ نام لیے اور انہیں فوراً بلا لانے کو کہا۔ جیجو سب کو بلا لایا حالاں کہ یہ سارے وُہ لوگ تھے، جن کی داڑھیاں، دامن یا گیلی شلواریں ہمیشہ اسے جی ہی جی میں مغلظات بکنے پر مجبور کیا کرتی تھیں۔ مگر جب وہ ان سب کو آوی کے پاس اپنی ٹوٹی ہوئی ان دو چار پائیوں پر بیٹھا دیکھ رہا تھا جن کے علاوہ اس کے گھر بیٹھنے کو کچھ تھا ہی نہیں، تو یہ بھی دیکھ رہا تھا کہ ان کے چہرے نور دھارے نے اجال رکھے تھے۔ پیش اِمام سمیت یہ سارے لوگ اُسے آسمان سے اُترے ہوے فرشتے لگ رہے تھے۔

لذت کہاں تھی؟

ماسٹر فضل جُو اب مڑ کر فضیلت کے بارے میں سوچتے تھے تو انہیں یوں لگتا تھا جیسے وہ تو ان کے لیے آسمان سے اُتری تھی، پنکھ لگا کر۔ وہاں جہاں جیجو کی آوی تھی۔ گاؤں کے لڑکوں سے پٹنا، ماں کا چھاتی کوٹ ڈالنا، ابا کا چکرا کر گرنا اور پھر گاؤں والوں کا جیجو چاچے کی آوی پر اکٹھے ہو کر اس کا نکاح کر دینا بس ایک بہانہ اور وسیلہ تھا۔
جب وہ چھاتی سے قرآن لگائے فضیلت کو سوچنے لگتے تو ڈھیروں وقت تیزی سے معدوم ہو جاتا تھا۔ جتنا وقت انہوں نے فضیلت کو سوچتے گزار دیا تھا، اتنا تو وہ ان کے پاس رہی بھی نہیں تھی۔ جس طرح فضیلت کو جنم دیتے ہوے اس کی ماں مر گئی تھی بالکل اسی طرح، اپنی شادی کے لگ بھگ چوتھے سال، جب کہ ابھی وہ محض انیس سال کی تھی، ماسٹر فضل جُو کے بیٹے کو جنم دیتے ہوے وہ خود بھی دم توڑ گئی تھی۔ ان چار برسوں کی رفاقت انہوں نے کھینچ تان کر ساری عمر پر پھیلا لی تھی۔ چپکے سے چلے جانے والی، پنجوں کے بل چل کر آ جاتی تھی اور سارے میں اُجالا پھیل جاتا تھا۔
’’ فضیلت ادھر آؤ تمہیں پڑھنا سکھا دوں‘‘
وہ اُسے پاس بلاتے، قرآنی قاعدہ کھول کر پہلے حرف پر انگلی رکھتے اور اس کی بھولی صورت دیکھ کر ’’ آ‘‘ کی آواز نکالنے کو کہتے۔ وہ کھلکھلا کر ہنس پڑتی۔
یہ کیا پڑھنا ہوا جی، اس طرح تو میں ابا کے کہنے پر شیدو ہاتو کی مرغیاں گھیرا کرتی تھی۔ ۔ ۔ آ، آ، آ‘‘
فضیلت اتنے بھولپن سے یہ کہتی تھی کہ فضل جُو کی بھی ہنسی چھوٹ جاتی۔
وہ فوراً ہی مچلنے لگتی کہ اسے اسی طرح پڑھنا سکھایا جائے جس طرح خود لہک لہک کر ماسٹر جی تلاوت کرتے تھے۔ وہ بھاگ کر جاتی اور کارنس سے قرآن پاک اٹھا لاتی۔ محبت سے اس کا غلاف الگ کرتی۔ اسے دائیں اور بائیں آنکھ سے لگا کر چومتی اور دونوں بازوؤں میں یوں بھینچ لیتی تھی جیسے وہ اس کتاب کے ایک ایک لفظ کو اپنے سینے میں اتار لینا چاہتی ہو۔ ماسٹر فضل جُو کو سمجھ نہیں آتی تھی کہ وہ اپنی بیوی کی اس خواہش کو کس طرح پورا کرے۔ وہ شدید خواہش رکھتے ہوے بھی لفظوں کو پوری صحت کے ساتھ اور صحیح مخرج سے ادا کرنے پر قادر نہ تھی۔ بعض اوقات تو وہ سبق دہرانے میں اتنی شدید غلطیاں کر جاتی تھی کہ وہ’’ نعوذ باللہ، نعوذ با للہ‘‘ کا ورد کرنے لگتے تھے۔ انہیں ساری عمر افسوس رہا تھا کہ وہ اسے نہ تو ڈھنگ سے نماز پڑھنا سکھا پائے تھے نہ قرآن۔ مگر جس طرح وہ سینے سے قرآن لگا کر لہک لہک کر گاتی رہتی تھی اس کی بابت سوچتے تو پورے بدن میں ایک عجب طرح کا کیف اور مستی بھر جاتی تھی:
’’اتُل کھرسی وِچ قرآن
آسوں پاسوں، تو رحمان
لوہے دیاں کنجیاں، تَرامے دے تالے
یا نبی تُساں کرماں والے
کول میرے ہن کوئی نئیں تھوڑ
اللہ والے مینوں تیری لوڑ
یانبی دی چڑھی سواری
چواں گُٹھاں دی خبر داری‘‘
اپنے پاک نبی کی اِس خبرداری میں وہ نہال رہتی تھی۔ تاہم ’’آیت‘‘ اور ’’کرسی‘‘ کے عام سے الفاظ بھی وہ صحیح طور پر ادا کرنے پر قادر نہ تھی۔ ’’آیت‘‘ اور’’ ال‘‘ کو ملا کر پڑھتی تو ’’اتُل‘‘ ہو جاتا اور ’’کرسی‘‘ کی بہ جائے وہ ’’کھرسی‘‘ کہتی تھی۔ ماسٹر صاحب سمجھاتے :
’’کھرسی نہیں کرسی‘‘
اور وہ سوچے سمجھے بغیر اِنتہائی عقیدت اور محبت سے دہراتی:
’’کھرسی نہیں کھرسی‘‘
جتنی بار اس کی تصحیح کی جاتی وہ اتنی بار، ویسے ہی پڑھ دیتی تھی جیساکہ کوئی لفظ شروع سے اس کی زبان پر چڑھا ہوا ہوتا تھا۔ تاہم جب وہ خود تلاوت کرنے لگتے تو اصرار کرتی کہ آواز ذرا بلند رکھی جائے۔ وہ لپٹ لپٹا کر پاس ہی بیٹھ جاتی اور ہر آیت میں حروف کی ادائی کے دوران جس طرح آواز اوپر نیچے ہوتی اس کی سانسیں بھی پھولنا شروع ہو جاتیں۔ حتی کہ وہ ہچکیاں باندھ کر رونے لگتی تھی۔ نماز کے لیے وہ اماں بی بی صاحبہ کی طرح دوپٹہ خوب اچھی طرح لپیٹ لیتی تھی۔ پانچوں وقت مصلے پر ضرور کھڑا ہوتی۔ ماسٹر صاحب یہ سوچ کر کہ وہ نماز میں کیا پڑھتی ہو گی اپنے تئیں بہت شرماتے رہتے مگر نماز میں اس کی حضوری کا عالم دیکھتے تو خود پر شرماتے تھے۔ انہیں بہت جلد اِحساس ہو گیا تھا کہ قرآن پڑھنے کا معاملہ ہو یا نماز روزے کا نا دُرُست ہو کر بھی وہ سب کچھ اتنے یقین، محبت اور اہتمام سے کرتی تھی کہ انہیں اس کے مقابلے میں اپنا ایمان اور علم دونوں ہیچ لگنے لگتے تھے۔ وہ مر گئی تو بھی ماسٹر صاحب اس کے مقابلے میں خود کو کمتر سمجھتے رہے۔ اسے خوابوں میں بلاتے اور اس سے اس خالص پن کا سبق لیتے جو اس کے وجود سے نور بن بن کر چھِن رہا تھا۔
مگر، کچھ دنوں سے یہی نور اُن کی آنکھوں میں چبھتا اور سینے میں چھید کرتا تھا۔ شاید اب ماسٹر فضل جُو کچھ زیادہ ہی زود حِس ہو گئے تھے۔ انہیں فضیلت کا یوں آنا بار بار ستانے کے مترادف دکھنے لگا تھا۔ تاہم اس کاتو وہی معمول تھا جو ہمیشہ سے رہا تھا۔ رات کے کسی پہر چلے آنے والا، پنجوں کے بل۔ ۔ ۔ اور چپکے سے وجود میں سرایت کر جانے والا۔ ۔ ۔ اس معمول میں کبھی رخنہ نہیں آیا تھا۔ اور شاید اس سے کم پر فضیلت خود بھی راضی نہ تھی۔
ماسٹر صاحب نے خوب اِحتیاط سے ان زیادہ ستائے جانے والے دنوں کا حساب لگایا تو یہ اتنے ہی بنتے تھے جتنے دنوں سے وہ اپنے بیٹے کے ہاں اُٹھ آئے تھے۔ اب پیچھے پلٹ کر دیکھتے تھے تو بیٹے کے ہاں اُٹھ آنا انہیں یوں لگنے لگتا جیسے زندگی یکدم رس سے خالی ہو گئی ہو۔ ایک خوب صورت سنہرے سیب جیسی زندگی، جو ماسٹر صاحب کی دست رس میں تھی، وہ اس پر اپنے دانت گاڑھ سکتے تھے مگر اس میں سے لذّت نکلتی ہی نہ تھی۔ ہر بار منھ پھوگ سے بھر جاتا تھا۔

زمین کے چلنے سے پہلے

جو زندگی وہ تج کر یہاں آ گئے تھے اُس کے آخری حصے میں ان کی روح کے لیے اگرچہ لذّت کے ہلکورے باقی تھے مگر بدن کے ضعف نے اس میں سو طرح کے رخنے ڈال دیے تھے۔ اُن کی سانسیں نا ہم وار رہتیں اور جوڑوں میں درد بھی وقفے وقفے سے جاگ اُٹھتا تھا۔ ایسے میں ماسٹر فضل جُو نے وہ جو عمر بھرکی ریاضت سے دین اور دنیا میں توازن کا ایک نظام قائم کر لیا تھا، اس میں انہیں سو طرح کی خرابیاں نظر آنے لگتیں۔ ان کی زندگی کرنے کا وتیرہ ان کے بہشتی باپ سے بالکل مختلف تھا۔ گزرے ہوے زمانے کے ایک پیش امام کی دنیا ہو بھی کتنی سکتی تھی۔ ڈیڑھ دوسو گھروں پر مشتمل چھوٹی سی بستی خاکوٹ میں زندگی تھی بھی بہت سادہ اور اکہری مگر پیش امام اس سے بھی دست کش رہے تھے۔ مسجد، اس کا حجرہ یا پھر ایک کمرے اور پسار والا گھر۔ مسجد سلکھنی کے صحن سے گاؤں کے بچوں اور ان کے گھر سے بچیوں کے سبق دہرانے کی آوازیں گونجتی رہتی تھیں۔ ۔ ۔ یوں، جیسے سپارے نہ پڑھے جا رہے ہوں، بہتا پانی پتھروں سے پھسلتا، گنگنا کر گزرے چلا جاتا ہو۔
بی بی صاحبہ کی زندگی کی ضروریات تو پیش امام کی ضرورتوں سے بھی کم تھیں۔ چولہا بھی کبھی کبھار ہی جلنے پاتا تھا کہ گاؤں والوں نے اپنے آپ ہی دن باندھ لیے تھے۔ کسی نے دن کے اُجالے میں پیش اِمام اور بی بی صاحبہ کو آپس میں بات کرتے نہ دیکھا تھا۔ حتّی کہ فضل جُو کو بھی ماں باپ کا باہم صلاح کرنا یا کسی بات پر کھُل کر قہقہہ لگانا یاد نہ آتا تھا۔ بعد میں جب بھی انہوں نے اپنے باپ کو ذہن میں لانا چاہا اُن کے دھیان میں مسجد سلکھنی کا، روئی کے گالوں جیسی داڑھی والا پیش اِمام آ جاتا تھا، جس کا سر ہمیشہ کروشیئے والی سفید ٹوپی اور بُمَل بندھے چار خانوں والے رومال سے ڈھکا رہتا تھا۔
پیش امام صاحب گھر میں داخل ہونے کے بعد جوں جوں پسار کی طرف بڑھتے توں توں اُن کی گردن جھکتی چلی جاتی۔ اس اثنا میں اُن کی ماں کا گھونگھٹ بھی نکلنے لگتا تھا۔ وہ اپنی انگلیاں ماتھے کے وسط سے اوپر، وہاں سے چادر کو گرفت میں لے کر لمبا گھونگھٹ نکال دیتی تھیں، جہاں سے چاندی جیسے بالوں کے درمیان، بالکل سیدھ میں مانگ نکلی ہوتی تھی۔ اُن کا گھونگھٹ اِتنا لمبا ہوتا کہ وہ اس لمحے فضل جُو کی ماں یا اس کے باپ کی بیوی نہ رہتی تھی بی بی صاحبہ ہو جاتی تھیں۔ ایسے میں فضل جُو کی سماعتوں میں پسار کے اندر سے پتلے پانی کے بہاؤ کی رچی بسی گنگناہٹ خود سے جاری ہو جاتی تھی۔
فضل جُو میں حوصلہ تھا نہ ہمت کہ وہ پیش امام صاحب جیسی زندگی کو اپنے لیے اختیار کرتے۔ محکمہ تعلیم میں نوکری مل گئی تھی، ہر طرف سے احترام ملا جسے دیکھو، ماسٹر صاحب، ماسٹر صاحب، کہتے تھکتا نہ تھا۔ لوگ سلام کرنے میں پہل کرتے۔ جہاں وہ تھے وہاں ابھی استاد ہونا یا صاحب علم ہونا واقعی لائق تکریم تھا۔ جب ہر طرف سے اتنی عزت ملی تو چھاتی پھولنے اور شملہ تننے لگا۔ تاہم اس سب کو وہ اس کی عطا سمجھتے رہے تھے جس کے لیے اُن کے ابا جی نے دنیا تج دی تھی۔
جب تک وہ اپنی زندگی میں رُجھے رہے، سب کچھ ٹھیک ٹھیک چلتا رہا۔ مگر ریٹائرمنٹ کے بعد، اور اپنی عمر سے مات کھا کر، جب سے وہ بیٹے کے ہاں اُٹھ آئے تھے اُن کے اندر بہت توڑ پھوڑ ہوئی تھی۔ انہیں جس خدا سے معاملہ رہا تھا وہ اس جدید طرز کے ٹاور کے کسی اور حصے میں ہو تو ہو وہاں نہیں تھا جہاں اُن کا بیٹا اور بہو رہتے تھے۔ شاید یہی سبب ہو گا کہ اپنے کمرے میں انہیں اسے پاس بلانے رابط خاص قائم کرنے اور اس کا ہو جانے میں بہت جتن کرنے پڑتے تھے۔ اگرچہ اس گھر میں اشیاء نے بہت جگہ گھیر رکھی تھی تاہم یہ خلوص سے جتن کرتے تھے تو وہ راہ بناتا چلا آتا تھا۔
اس رات کہ، جس کے معدوم ہو چکنے کے بعد بھونچال کو چپکے سے آ کر سب کچھ تلپٹ کر کے رکھ دینا تھا، عین اسی رات کو فضیلت نے آ کر ماسٹر فضل جُو کو بہت ستایا تھا۔ وہ پڑھتے ہوے بار بار اونگھتے اور اِسی اونگھ جھپکی میں لمبا غوطہ کھا جاتے، یوں جیسے پینگ ہلارے لیتے لیتے ایک لمبی جست لے اور بادلوں میں اتر کر واپس آنا بھول جائے۔ خواب کے اس لمبے ہلارے نے جن بادلوں میں انہیں اتارا تھا، وہاں فضلیت تھی، جو بار بار پوچھے جاتی تھی:
’’ ماسٹر جی تم ان کے لیے کیوں پڑھتے ہو جو خود پڑھ سکتے ہیں، مگر پڑھنا نہیں چاہتے ؟‘‘
ماسٹر جی چپ رہے تو وہ تن کر اُن کے سامنے کھڑی ہو گئی :
’’دیکھیں جی، میں جو ہوں آپ کے سامنے، بالکل کوری، ایک بھی مبارک لفظ ڈھنگ سے نہ پڑھ سکنے والی، لیکن ایک ایک لفظ کے لیے اپنے پورے وجود کو سماعت بنا لینے والی۔ ۔ ۔ آپ میرے لیے کیوں نہیں پڑھتے جی؟‘‘
انہیں کوئی جواب نہ سوجھا تو وہ ہڑبڑا کر اُٹھ گئے اور پورے بدن کو جھلا جھلا کر پڑھنے لگتے۔ غالباً وہ تیسرا یا چوتھا جھلارا ہو گا کہ ایک سرگوشی کی سنسناہٹ پورے کمرے میں تھرا گئی:
’ ’ کوئی نہیں سن رہا‘‘
انہوں نے اس آیت پر انگلی رکھی جسے پڑھ رہے تھے اور کمرے میں چاروں طرف دیکھا۔ چپکے چپکے اور ٹھہر ٹھہر کر۔ یوں جیسے انہیں یقین ہو کہ وہاں کوئی تھا مگر اپنی ناراضی ظاہر کرنے کے لیے ان کی نظروں میں آنے سے بچ رہا تھا۔ تھک ہار کران کی نظریں پاک صحیفے پر سرنگوں اپنی شہادت کی انگلی پر آ کر رک گئیں مگر زبان تالو کے ساتھ چمٹی رہی۔ انہوں نے قرآن پاک کو وہیں سرہانے پر کھلا رکھ دیا اور ٹانگیں سیدھی کر کے پلنگ سے لٹکانا چاہیں۔ ایک آدھ لمحہ اُس اینٹھن کو جَھٹکنے میں لگ گیا جو ایک ہی رخ بیٹھے بیٹھے ان ٹانگوں میں ہونے لگی تھی۔ تاہم جب ٹانگوں پر بوجھ ڈال کر کھڑے ہوئے تو وہ بہت جلد توازن برقرار رکھنے کے قابل ہو چکے تھے۔
انہوں نے کھڑے کھڑے فضا میں متحرک ان مقناطیسی لہروں کو محسوس کیا جو پہلے کبھی بھی محسوس نہیں ہوئی تھیں۔ یہ لہریں اُن کے جسم پر یوں رینگنے لگیں جیسے چیونٹیاں رینگتی ہیں، جس سے ان کے بدن کا رواں رواں کھڑا ہو گیا۔ اُن کے دل پر بھی خُون کا دباؤ بڑھ رہا تھا جس نے انہیں بوکھلا دیا۔ اس بوکھلاہٹ میں ان کے قدم دروازے کی سمت اٹھنے لگے۔ جب وہ دروازے کی طرف جا رہے تھے تو انہیں یوں لگا تھا، جیسے عین ان کے عقب میں فضلیت بھی پنجوں کے بل چلی آتی تھی۔ وہ غصے میں دھونکنی کی طرح چلنے والی اس کی سانسوں کی آنچ بھی اپنی گردن پر محسوس کر رہے تھے :
’’وہاں کوئی نہیں ہے‘‘
اُنہوں نے پیچھے مڑ کر دیکھا وہاں آواز نہیں، ایک سسکاری تھی۔ دل بیٹھنے لگا تو دھیان ہٹانے کے لیے آگے بڑھ کر دروازہ چوپٹ کر دیا۔ ۔ ۔
وہاں بھی کوئی نہیں تھا۔
لاونج کے خالی پن کو چیر کر ان کی نظر یں اپنے بیٹے اور بہو کے بیڈ روم کے بند دروازے پر پڑیں۔ ایک عجب طرح کی بے پرواہی وہاں ٹھہری ہوئی تھی۔
دروازے میں کھڑے کھڑے جب اُن کے سوچنے کے لیے کچھ نہ رہا تو ماسٹر فضل جُو نے گردن موڑ موڑ کر کمرے میں دیکھنا بھی معطل کر دیا تھا۔ وہ جان چکے تھے کہ وہاں اب کسی کی خُوشبو تھی نہ قہقہے، سرگوشیاں تھیں نہ لہجے کی وہ آنچ جو کب سے ان کی محسوسات کا حصہ تھی۔ وہاں فقط برہم اور اجنبی سی مقناطیسی لہریں تھیں۔ تعطل کے اسی عرصے میں انہیں یاد آیا کہ وہ بستر کے سرہانے قرآن کھلا چھوڑ آئے تھے :
’’بیٹا قرآن یوں کھلا نہیں چھوڑتے، شیطان پڑھنے لگتا ہے‘‘
یہ بی بی صاحبہ کی آواز تھی۔ نحیف سی آواز جو انہوں نے مُدّت بعد سنی تھی۔ وہ جانتے تھے کہ شیطان کے قرآن پڑھ لینے والی بات محض اس لیے کی جاتی تھی کہ بچیاں قرآن پڑھنے کے بعد غلاف میں لپیٹ کر اور کارنس پر رکھ کر جایا کریں۔ تاہم بعد میں انہوں نے اس کا یہ مفہوم خود سے اخذ کر لیا تھا کہ مومنین کے لیے ہدایت بنتی آیات کو شیطان مردود کھلے قرآن سے اُچک کر ان میں سے اپنے مطلب کے معنی نکال کر اِدھر اُدھر پھیلا دیتا ہو گا، تب ہی تو پہلی عمر میں تواتر سے سنے گئے اس جملے کے سچا ہونے کا انہیں یقین سا ہو چلا تھا۔ انجانے خوف کے زیر اثر وہ بھاگتے ہوے اپنے بیڈ تک پہنچے، سرہانے سے قرآن پاک کو اُٹھا کر تَہ کرتے ہوے کئی بار بوسے دیئے۔ اسے آنکھوں سے لگا کر سینے کے ساتھ چمٹایا اور دروازے میں آ کھڑے ہوئے۔ یہی وہ لمحہ تھا جب زمین اپنے آپ چل پڑی تھی۔

ملبا درد کی گرہیں کھولتا ہے

کہتے ہیں جب پیش امام صاحب نے کچی لکیر پار کی تھی تو پیش امام نہیں تھے۔ وہ تو اُدھر پونچھ میں صاحب حیثیت آدمی تھے۔ ماں باپ نے لس جُو نام رکھا اور اِسی نام سے پکارے جاتے تھے۔ ایک بار یوں ہوا کہ وہ حضرت بل کے پاس سے گزرتے ہوے بے ارادہ اندر داخل ہو گئے۔ دل پر ایسا رُعب پڑا کہ کئی گھنٹے باہر نہ آ سکے۔ اِسی بے خودی کے دورانیے میں اُنہیں کچی لکیر پھاند لینے کا حکم ہوا۔ انہوں نے سب کچھ سے ہاتھ جھٹکا، اور ادھر اٹھ آئے تھے۔ کچھ کو یہ کہتے بھی سنا گیا ہے کہ ان کا جوان بھائی مار دیا گیا اور مارنے والے ان کے تعاقب میں تھے لہذا ادھر آنے کا حیلہ انہوں نے اپنی جان اور نسل بچانے کے لیے کیا تھا۔
لس جُو نے جان بچا لی تھی مگر اس کی نسل کے قدموں تلے، اب جو زمین تھی، وہ اپنے آپ چل پڑی تھی۔
جب لس جُو پونچھ سے تتری کوٹ آئے تھے تو ان کا وجود ایک عجب طرح کے شدید اِحساس سے لرزتا رہتا تھا۔ یہاں ادھر کی خبریں آتی رہتی تھیں جو احساس کے عُجب اور شدت میں اضافہ کرتی رہتیں۔ پوری طرح سمجھ میں نہ آنے والا یہ اِحساس انہیں کبھی تو ایک بار پھر کچی لکیر پار کرنے پر اکساتا اور کبھی اس سے دور پٹخ دیتا تھا۔ اس پراسرار اِحساس سے چھٹکارا پانے کے لیے انہوں نے اپنا گھر کاندھے پر رکھ لیا اور پہاڑوں کے اندر بھٹکنے لگے۔ کبھی گڑمنڈہ، سدھن گلی، کامی منجہ اور حسّہ تو کبھی پرس، بٹل اور چناری حتی کہ وہاں سے خاکوٹ آ گئے جس نے انہیں اپنے اندر بسا لیا تھا۔ پہلی بار تتری میں رہائش اِختیار کرنے کی مناسبت سے وہ ایک عرصہ تک لس جو تتری کہلاتے رہے۔ پھر یوں ہوا کہ مسجد سلکھنی کی پیش امامی ان کی زندگی کا وظیفہ ہو گئی جس نے ان کا اصل نام سب کے ذہنوں سے محو کر دیا تھا۔
جس روز بھونچال آیا تھا، اس روز دن ڈھلے تک سب یہ سمجھ رہے تھے کہ اسلام آباد کے پوش علاقے میں بس ایک ملٹی سٹوری ٹاور گرا تھا۔ وہی، جس کے چھٹے فلور پر ماسٹر فضل جُو شیطان کی نظر کھلے ہوے قرآن پر پڑنے کے خدشے سے اپنے بیڈ تک آئے تھے اور قرآن چھاتی سے چمٹا کر واپس دروازے کی چوکھٹ میں جا کھڑے ہوے تھے۔ عین اس وقت کہ جب بہت سارے کیمروں کو گواہ بنا کر حکومت کا سربراہ اس ٹاور کے ملبے پر چڑھ کر اعلان فرما رہے تھا کہ بہت جلد سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، اس وقت تک کوئی نہیں جانتا تھا کہ ادھر پہاڑوں پر کتنی بڑی قیامت ڈھے چکی تھی۔ وہاں زمین نے کئی پلٹے کھائے اور پہاڑوں نے بھُربھُرا ہو کر خاکو ٹ کو اپنے اندر چھپا لیا تھا۔ مسجد سلکھنی کے میناروں، پیش امام صاحب اور بی بی صاحبہ کی قبروں، جیجو کی اجڑ چکی آوی اور اوپر سے نیچے کو دھیمے سروں میں بہنے والے پتلے پانی، اور اس کے مکینوں کی نا رسائیوں اور معصومیت سمیت سب کچھ خاک کا رزق ہو چکا تھا۔ ۔ ۔ کہ اب وہاں کچھ بھی نہ تھا۔
لگ بھگ یہ وہی وقت بنتا ہے، ملبے کے اوپر چڑھ کر تصویریں بنوانے والا، اور وہ بھی یوں جیسے کوئی شو باز شکاری پہلے سے مرے ہوے شیر کو دیکھے اور اس کے بدن پرپاؤں رکھ کر لوگوں کے دلوں پر دھاک بٹھانے کے لیے تصویریں اتروانا شروع کر دے، ۔ ۔ ۔ ہاں، عین مین وہی وقت، جب اوپر سے کدال پڑنے، اور لوہا کاٹنے کی آوازیں آنے والے کے پروٹو کول میں کچھ وقت کے لیے معطل ہو گئی تھیں۔ تب سیمنٹ اور سریے کی کئی تہوں تلے ماسٹر فضل جُو کو اپنے زندہ ہونے کا احساس ہوا تھا۔ بہت جلد زندگی کے اِس اِحساس کو ان کی دمچی سے، ٹانگوں، پنڈلیوں اور کمر سے بازوؤں، گردن اور گدی سے اٹھنے والے درد نے پچھاڑ دیا تھا۔ وہ بے بسی اور درد سے جس قدر بلبلا سکتے تھے بلبلائے، روئے اور پھر سسکتے چلے گئے۔ مگر جب اُنہیں اِحساس ہوا کہ اُن کی چیخوں اور رونے دھونے کو سننے والا وہاں کوئی نہیں تھا تو وہ یوں چپ ہو گئے جیسے ازل سے بولنا جانتے ہی نہ تھے۔ تب انہیں اپنا بیٹا اور بہو ایک ساتھ یاد آئے۔ اپنے بہشتی ماں باپ کی طرح انہیں بھی انہوں نے آپس میں کم ہی صلاح کرتے یا کھل کھلا کر ہنستے دیکھا تھا۔ تاہم اس ایک وتیرے کی تاثیر دونوں کے ہاں بالکل مختلف اور متضاد ہو جاتی تھی۔ وہ دونوں، جو اندر تھے ان کی آنکھوں کے سامنے والے دروازے کے پیچھے، یقیناً وہ ایک بیڈ پر ہوں گے مگر وہ اندازہ کر سکتے تھے کہ مصروفیت کی تھکن نے انہیں دونوں کناروں پر ہی گرا دیا ہو گا، یوں کہ وہ پہلو بدل کر قریب بھی نہ ہو پائے ہوں گے۔ اس فاصلے کو انہوں نے ان کے بیڈ روم کے دروازے پر کھدا ہو دیکھ لیا تھا۔ یہ جو آنے ولا وقت اُن کی محسوسات پر دستک دینے لگتا تھا اس سے بچنے کے لیے انہوں نے اندازے لگانا بند کر دیے تھے۔
ابتدا میں جو اندازے لگائے جا رہے تھے وہ سارے ہی غلط ہو چکے تھے۔ تتری کوٹ سے خاکوٹ تک پہاڑوں پر بستیاں لاشوں سے بھری پڑی تھیں اور انہیں بے گور و کفن پڑے اتنا وقت گزر چکا تھا کہ وہ تعفن چھوڑنے لگی تھیں۔ انہیں یا تو دفنانے والا کوئی نہ بچا تھا اور اگر کوئی بچ گیا تھا تو اپنوں کی اتنی لاشیں زمین میں دبا چکا تھا کہ اس کے ہاتھ شل ہو چکے تھے۔ ادھر شہر کے وسط میں ڈھے جانے والے ٹاور سے بھی لاشیں نکالی جا رہی تھیں۔ ملبے میں سے گاہے گاہے زندہ لوگ بھی نکل آتے تھے۔ اور جب ایسا ہوتا تو متحرک اور ساکت تصویریں بنانے والے کیمروں کو اٹھائے میڈیا کے منتظر لوگ بھاگ بھاگ کر اس کی تصویریں اتارنے اور رپورٹیں نشر کرنے میں سبقت لے جانے میں مگن ہو جاتے۔ ایسے میں یوں لگتا تھا جیسے موت کے سناٹے سے زندگی کی ہماہمی نے یک لخت جنم لے لیا ہو۔ تاہم ابھی تک نہ تو ماسٹر فضل جُو کو دریافت کیا جا سکا تھا اور نہ ہی ملبے کے ڈھیر میں دبی ہوئی ایک بیڈ کے دونوں کناروں پر پڑی ان کے بیٹے اور بہو کی لاشوں کو نکالا جا سکا تھا۔
ماسٹر فضل جُو اِس سارے عرصے میں درد سہے چلے جانے کے لائق ہو گئے تھے۔ اسی دوران میں انہیں یہ اِحساس بھی ہوا تھا کہ قرآن پاک اُن کی چھاتی سے لگا ہوا تھا۔ تاریکی کی بے شمار تہوں کے باوجود اُنہوں نے چاہا کہ اُسے کھول کر پڑھیں۔ اپنے بازوؤں پر زور لگا کر ایسا کرنا بھی چاہا مگر بازو جہاں تھے، وہیں جمے رہے۔ ملبے نے چاروں طرف سے اُن کے بازوؤں کو جسم سمیت دبا رکھا تھا، یوں کہ وہ ذرا سی حرکت بھی نہ کر سکتے تھے۔ تب اُنہیں ایک بار پھر ایک نحیف سی آواز سنائی دے گئی تھی، وہی شیطان سے چوکنا کرنے والی ماں کی آواز۔ انہوں نے بازوؤں کو کو کھولنے کے جتن ترک کر دیے تھے۔
جب ٹھہرے ہوے وقت اور تاریکی کو کاٹ ڈالنے کا کوئی بھی حیلہ ان کے ہاتھ نہ لگا تو انہوں نے اپنی یادداشت پر زور ڈال کر کچھ آیات تلاوت کرنا چاہیں مگر ہوا یہ کہ وہ سورۃ زلزال کی اِبتدائی آیات کے بعد سورۃ والعصر کی اِنسان کو خسارے میں بتانے والی آیات پڑھ گئے تھے۔ انہوں نے پھر سے درست درست پڑھنا چاہا تو ایسا متشابہ لگا کہ کہیں سے کہیں نکل گئے۔ سب کچھ گڈ مڈ ہو رہا تھا۔ اس پر وہ اتنا بوکھلائے کہ اُمید کا دامن اُن کے ہاتھ سے چھوٹ گیا۔ ایسے میں انہیں اِحساس ہوا کہ وہاں تو سانس لینے کے لیے ہوا ہی نہیں تھی۔
اور جب ماسٹر فضل جُو نے اپنے تئیں ملبے کے اندر پھنسی ہوئی ہوا کو کھینچنے کے لیے آخری حیلہ کیا تو اُن کی پسلیاں چٹخنے لگیں۔ یہی وہ لمحہ تھا جب سیمنٹ اور سریے کی تہیں کاٹ کر فضیلت وہاں پہنچ گئی تھی، سارے غصے کو تھوک کر، اور اُن ساری آوازوں کو ساتھ لے کر، جو ملبے میں دبنے والوں کے دُکھ سے بوجھل ہو گئی تھیں۔ یہ آوازیں گنتی میں نہ آنے والے لوگوں کے سینوں سے اُبل اُبل کر ویسی ہی گنگناہٹ پیدا کر رہی تھیں جیسی ماسٹر فضل جُو کی سماعت میں خاکوٹ کے پتلا پانی نے بسا رکھی تھی۔ تب ماسٹر صاحب کو یوں لگا تھا کہ جیسے ان کے بازو تو ویسے ہی جکڑے ہوے تھے مگر اُن کے حصار میں موجود، ایک مُدّت سے خوابیدہ سارے مبارک اور روشن لفظ، خودبخود ان کی چھاتی کے اندر مقطر ہو رہے تھے۔ فضلیت نے آتے ہی اپنے ہاتھوں کے ملائم لمس سے اُن کے وجود کی ساری گرہوں کو کھولنا اور سارے دردوں کو سمیٹنا شروع کر دیا تھا۔
وہ اپنی ہی دھُن میں مگن رہی، حتی کہ اس کی ریاضت مستجاب ہوئی اور اسے اپنے سنگ آنے والی ساری آوازوں کے ساتھ ان کے وجود کے اندر حلول کر جانے کا اِذن ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی زندگی کی لذّت میں گندھا ہوا تازہ ہوا کا لطیف جھو کا ملبے میں گھس کر ان کے ڈھے جانے والے وجود کے اندر بہت گہرائی میں اتر گیا۔ ۔ ۔ اب صرف وہی سانس نہ لیتے تھے، پورا ملبا سانس لیتا تھا۔
ٍ٭٭٭

چَٹاکا شاخِ اِشتہا کا

محمد حمید شاہد

اِسے قریب نظری کا شاخسانہ کہیے یا کچھ اور کہ بعض کہانیاں لکھنے والے کے آس پاس کلبلا رہی ہوتی ہیں مگر وہ اِن ہی جیسی کسی کہانی کو پا لینے کے لیے ماضی کی دھُول میں دفن ہو جانے والے قِصّوں کو کھوجنے میں جُتا رہتا ہے۔ تو یُوں ہے کہ جِن دنوں مجھے پُرانی کہانیوں کا ہَوکا لگا ہوا تھا، مارکیز کا ننھّا مُنَا نیا ناول میرے ہاتھ لگ گیا۔ پہلی بار نہیں، دوسری بار۔ اگر میرے سامنے مارکیز کا یہ مختصر ناول دُوسری بار نہ آتا تو شاید میں اپنے پاس مکر مار کر پڑی ہوئی اِس جنس میں لتھڑی ہوئی کہانی کو یوں لکھنے نہ بیٹھ گیا ہوتا۔
مارکیز کے ناول کو دُوسری بار پڑھنے سے میری مراد میمن کے اس اُردو ترجمے سے ہے جو مجھے ترجمے کا معیار آنکنے کے لیے موصول ہوا تھا۔ یہ وہی ناول ہے جس کی خبر آنے کے بعد میں انگریزی کتابوں کی دکانوں کے کئی پھیرے لگا آیا تھا۔ پھر جوں ہی اِس کتاب کا انگریزی نسخہ دستیاب ہوا تو میں نے اسے ایک ہی ہلّے میں پڑھ ڈالا تھا۔ میں نے اپنے تئیں اِس ناول کو پڑھ کر جو نتیجہ نکالا وہ مُصنِّف کے حق میں جاتا تھا نہ اس کتاب کے حق میں۔ خدا لگتی کہوں گا میرا فیصلہ تھا ایک بڑے لکھنے والے نے بُڑھاپے میں جنس کے سستے وسیلے سے اس ننھّی مُنّی کتاب میں جھک ماری تھی۔
ممکن ہے یہی سبب ہو کہ جب میمن کا ’’ اپنی بیسواؤں کی یادیں‘‘ کے عنوان سے چھپا ہوا ترجمہ ملا تو میں خود کو اُسے فوری طور پر پڑھنے کے لیے تیار نہ کر پایا اور پیپر بیک میں چھپا یہ مختصر سا ناول کہیں رکھ کر بھول گیا۔ گزشتہ دنوں کسی اور کتاب کی تلاش میں، جب کہ میں بہت زیادہ اُکتا چکا تھا، یہ ناول اچانک سامنے آ گیا۔ میں نے اپنی مطلوبہ کتاب کی تلاش کو معطل کر کے اُکتاہٹ کو پَرے دھکیلنا چاہا۔ اِسی ناول کو تھامے تھامے اپنے بیڈ تک پہنچا، جِسم کو پشت کے بَل بستر پر دھپ سے گِرنے دیا اور اسے یوں ہی یہاں وہاں سے دیکھنے لگا۔ جب میری نگاہ مارکیز کے ہاں بے باکی سے در آنے والے اُن ننگے لفظوں پر پڑی جنہیں مترجم نے ایسے دلچسپ الفاظ میں ڈھال لیا تھا جو فوری طور پر فحش نہیں لگتے تھے، تو میں نے ناول کو ڈَھنگ سے پڑھنا شروع کر دیا۔ ناول کو اِس طرح پڑھنے کے دو غیر متوقع نتائج نکلے۔ ایک یہ کہ میں جسے مارکیز کی کھاتے میں جھک مارنا سمجھ بیٹھا تھا اُس میں سے میرے لیے معنی کی ایک مختلف جہت نکل آئی اور دوسرا یہ کہ مجھے اپنا کنّی کاٹ کر نِکل جانے اور پھر بھول جانے والا ایک کردار شکیل رہ رہ کر یاد آنے لگا۔ ایک ناول جس کے مرکزی کردار نے اپنی نوے ویں سالگرہ کی رات ایک با کرہ کے ساتھ گزارنے کا اہتمام کیا، میرے لیے اِس میں سے زندگی کے کیا معنی برآمد ہوئے، میں ٹھیک ٹھیک بتانے سے قاصر ہوں۔ ہاں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ بار دگر پڑھنے پر نہ صرف اِس ناول کا جنس کا رسیا مرکزی کردار میرے لیے ایک سطح پر قابلِ اِعتنا ہوا، میں اپنے ایک متروک کردار شکیل کے بارے میں بھی ڈَھنگ سے سوچنے پر مجبور ہوا۔ ۔ ۔ اور یہ کوئی کم اَہم بات نہیں تھی۔
شکیل اور مارکیز کے ناول کے مرکزی کردار میں کوئی خاص مشابہت نہیں ہے۔ بتا چکا ہوں کہ وہ نوّے برس کا ہے جب کہ میرا شکیل بھر پور جوانی لیے ہوے ہے۔ وہ مرد مجرد اپنی مثالی بدصورتی کی وجہ سے خاکہ اُڑانے والوں کا مرغوب، جب کہ جس شکیل کی میں بات کر رہا ہوں وہ محض نام کا شکیل نہیں ہے اور یہ شادی شدہ اور بال بچے دار ہے۔ تاہم ایک بات دونوں میں مشترک ہے کہ دونوں جنس زَدہ ہیں اور شکیل تو اِسی جنس زدگی کی وجہ سے دوستوں میں تضحیک کا سامان ہو گیا ہے۔ ایک مُدّت کے بعد شکیل جیسے کردار کی طرف لوٹنے کا سبب مارکیز کے ناول کے بوڑھے کی وہ جنسی خر مستیاں ہیں جنہیں ناول میں بہت سہولت سے لکھ لیا گیا ہے، مگر ہمارے ہاں ایسی حرکتوں کو لکھنا چوں کہ فحاشی کے زمرہ میں آتا ہے، لہذا مجھے شکیل کو لکھنے کے لیے بار بار مارکیز کی طرف دیکھنا پڑ رہا ہے۔ ہاں تو میں مارکیز کے بوڑھے کی خر مستیوں کا ذِکر کر رہا تھا اور بتانا چاہ رہا تھا کہ اس بوڑھے کی ہوس کاریوں کے باب میں جہاں اس کی اُجڈ لارنڈھی والی ملازمہ کا ذِکر آتا ہے، وہی عقب سے جانے کا، وہیں مجھے اس وقت کے شکیل کا، اس کریانہ اسٹور کے مالک کا شکار بننا یاد آیا جس کے پاس اس شہر میں آ کر وہ پہلے پہل ملازم ہوا تھا۔ جہاں ناول کے مرکزی کردار نے اپنے پچاس سال کی عمر کو پہنچنے پر اُن پانچ سو چودہ عورتوں کا ذِکر کیا ہے جن سے اُس کا جنسی تعلق قائم ہوا، اور اِس گنتی میں وہ بعد ازاں مسلسل اِضافہ کیے جا رہا تھا، تو میرے دھیان میں شکیل کی زندگی میں آنے والی وہ چٹ پٹی لڑکیاں آ گئیں جن کی وجہ سے وہ شہر بھر میں جنسی بلے کے طور پر مشہور ہو ا۔ تاہم جس لڑکی کی وجہ سے شکیل کو نظروں سے گرا ہوا اور بعد میں اُسے شہر چھوڑتے ہوے دکھایا جانا ہے وہ بہ ظاہر ان چٹ پٹی لڑکیوں جیسی نہ تھی۔
اوہ ٹھہرے صاحب ! مارکیز کے بوڑھے بدصورت کردار طرح قابلِ قبول ہو جانے والے جواں سال شکیل کی کہانی کو یوں شروع نہیں ہونا چاہیے، جیسا کہ میں اِسے آغاز دے چکا ہوں۔ اس کردار کو عجلت میں یا یہاں وہاں سے ٹکڑوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ اِسے ڈھنگ سے لکھنے سے پہلے مجھے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو میں اپنی اِس خفت سے آگاہ کرتا چلوں جو مجھے کسی جنس مارے آدمی سے مل کر اور اُس کی لذّت میں لتھڑی ہوئی باتیں سن کر لاحق ہو جایا کرتی ہے۔ اِسی خفت کا شاخسانہ ہے کہ مجھے اپنا حوالہ جنس مارے کرداروں سے بھی کَھلنے لگتا ہے۔ شکیل جیسا کِردار میری دست رس میں رہا مگر اِسی خفت نے ہمارے درمیان بہت سے رخنے رکھ دیئے تھے۔ حتی کہ میں نے یہ بھی بھلا دیا کہ شروع میں یہ کردار ایسا نہ تھا۔ یہ تو بہت بعد میں ہوا تھا کہ وہ نہ صرف لوگوں کی تضحیک کا سامان بنا میری نظروں سے بھی گر گیا تھا۔ لیجئے اَب مارکیز کے بوڑھے نے مجھے بہلا پھسلا کر اس مردود کہانی کے قریب کر ہی دیا ہے تو میں اسے شکیل سے اپنی پہلی ملاقات سے شروع کرنا چاہوں گا۔
شکیل سے میری پہلی ملاقات کسی تقریب میں ہوئی تھی۔ وہ وہاں دوسرے شاعروں کی طرح اپنی غزل سنانے آیا تھا۔ صاف اور گورا رنگ جو ناک کی پھُنگی، کانوں کی لوؤں اور چمک لیے نرم نرم گالوں سے قدرے شہابی ہو گیا تھا۔ مجھے اس کا ٹھہر ٹھہر کر شعر پڑھنا اور پڑھے ہوے مصرعے کو ایک اَدا سے دُہرانا اَچھا لگا تھا۔ جب مجھے یہ معلوم ہوا کہ وہ پہاڑیا ہے تو اور بھی اَچھا لگا کہ وہ اس کے باوجود نہ صرف ہر مصرع میں ٹھیک ٹھیک لفظ باندھنے کا اہتمام کر لایا تھا ان کی ادائیگی میں بھی کوئی غلطی نہیں کر رہا تھا۔ جو غزل اُس نے وہاں سنائی اس نے خوب سلیقے سے کہی تھی۔ اس کی فنی مہارت کا میں یوں قائل ہو گیا تھا کہ ساری غزل ایک روندی ہوئی بحر میں مگر بہت عمدگی سے کہی گئی تھی۔ ا س میں ایک دو غیر شاعرانہ اور کھردرے لفظوں کو اِتنا ملائم بنا کر رواں مصرعوں میں پیوست کر دیا گیا تھا کہ اَب وہ غزل کے ہی الفاظ لگتے تھے۔ اس سب پر مستزاد یہ کہ وہ لگ بھگ ہر شعر کے مصرع اُولیٰ میں اپنے خیال کی کچھ اِس طرح تجسیم کر رہا تھا کہ ہر بار لہجہ کے نئے پن کا اِحساس ہوتا اور ایک ایسا مُقدمہ بھی بنتا تھا جس کی طرف سننے والے کا متوجہ ہونا لازم ہو جاتا۔
جب وہ شعر مکمل کر کے سانس لیتا تو بات بھی مکمل ہو جاتی۔
ذَرا گماں باندھیے کہ ایک نوخیز شاعر ہے۔ آپ اُس سے بالکل نئے لہجے کی غزل سُن رہے ہیں۔ ایک ایسا لہجہ، جس میں عصر موجود کا تناظر اُس کی اپنی لفظیات کے ساتھ سامنے آ رہا ہے۔ اس غزل میں اِس کا اِہتمام بھی ہے کہ کوئی لفظ فن پارے کے مجموعی مزاج میں اَجنبی نہیں لگتا۔ سلیقہ ایسا کہ ہر لفظ کی اَدائیگی کا مخرج ضرورتِ شعری کی وجہ سے کہیں بھی بدلا نہیں گیا۔ ہر لفظ ٹھیک اپنی نشست پر، اور وہ بھی یوں کہ ایک لفظ کی صوتیات اَگلے لفظ کو ٹہوکا دینے کی بہ جائے اس میں سما کر اُس کی اپنی صوتیات میں منقلب ہو جاتیں۔ سچ پوچھیے تو ایسی باریکی سے غزل کہنے والے کا گمان ہی باندھا جا سکتا ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ وہ میرے سامنے تھا اور پورے قرینے سے غزل کہہ رہا تھا۔
لہذا میں اس کے قریب ہو گیا۔ اتنا قریب کہ ہم دونوں کے درمیان سے سارا حجاب اُٹھ گیا۔
جب وہ اسی شہر میں رہ کر خُوب خُوب داد، بے پناہ حسد اور بہت ساری نفرت اور تضحیک سمیٹ چکا تو بھی میں اُس کے قریب رہا۔ پہلے پہل شکیل کے بارے میں شہر کے شاعروں نے یہ شوشا چھوڑا، ہو نہ ہو اُسے کوئی لکھ کر دیتا ہے۔ جب لوگ تجسس سے پوچھنے لگے کہ وہ کون ہے جو اُسے لکھ کر دیتا ہو گا تو ایک ایسے بزرگ شاعر کا نام چلا دیا گیا جو کہنے کو شعر خوب سلیقے سے کہتے اور عادت ایسی پائی تھی کہ خُوش شکل لونڈوں میں اُٹھنے بیٹھنے کو اِس گئے گزرے زمانے میں بھی چلن کیے ہوے تھے۔ کسی کو ایسی باتوں پریوں یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ حضرت زُبان کے روایتی اِستعمال تک محدود رہتے تھے اور اچھا اور پکا مصرعہ کہنے کے باوجود خیال کو نیا بنا لینے پر قادر نہ تھے۔ ایسا کیوں کر ہو سکتا تھا کہ کوئی خود تو فنی طور پر بے عیب مگر بوسیدگی کا اِحساس جگانے والا مصرعہ کہنے کو وتیرہ کیے ہو اور اپنے لونڈے کو حرفِ تازہ سے فیض یاب کرے۔ جب شکیل ایک سے بڑھ کر ایک تازہ غزل لا نے لگا تو اُس کے خلاف فضا باندھنے والوں کی جیبھیں خود بخود اپنے اپنے تالو سے بندھ گئیں۔ یہی وہ زمانہ تھا جب اُس نے اپنے جیسے شاعروں سے آگے نکل کر حاسدین کا گروہ پیدا کر لیا تھا۔ جو لوگ شعر میں اُسے مات نہیں دے سکتے تھے، اُس کی شخصی کمزوریوں کو اُچھال کر تسکین پاتے تھے۔
مجھے شکیل سے یہ شکایت تھی کہ آخر وہ اِس باب میں اُنہیں خُوب خُوب مسالا کیوں فراہم کر رہا تھا۔ وہ میری بات سنتا اور ڈِھٹائی سے ہنسی میں اُڑا دیتا تھا۔
وہ بارہ کہو سے پَرے پہاڑوں کے اُدھر جس گاؤں سے آیا تھا، اُس کا نام تنگ گلی تھا جو بول چال میں مختصر ہو کر تنگلی ہو گیا تھا۔ جبو ہاں اُس نے دس جماعتیں پڑھ لیں تو آگے کرنے کو کچھ نہ تھا۔ اُس کے باپ کے پاس جو تھوڑی سی موروثی زمین تھی، اُسے گزشتہ سال کی مسلسل بارشوں میں لینڈ سلائیڈ کھا گئی تھی۔ میٹرک کر لینے کے بعد اُس کے لیے دو ہی راستے تھے۔ باپ کی طرح مری چلا جائے اور وہاں سیزن کھلنے پر ہوٹلوں میں بیرا گیری کرے یا اِدھر شہر میں کسی دکان پر سیلز مین ہو جائے، جیسا کہ اس کے گاؤں کے کئی اور لڑکوں نے کیا تھا۔ اُس نے دوسرا راستہ اختیار کیا۔ تنگلی کا ایک شخص دل محمد ادھر شہر میں ایک کریانے کے اسٹور پر ملازم تھا۔ وہ بقرعید پر گاؤں آیا تو شکیل کے باپ نے اُس سے بات کی۔ اس نے فوری طور پر تو اسے یہ کہہ کر مایوس کر دیا کہ وہاں شہر میں کام کرنے کے خواہش مند لڑکے ہر روز آتے رہتے تھے جو کم اُجرت پر کام کرنے کو تیار ہو جاتے لہذا شکیل کو وہاں بھیجنا، لڑکے کو ایک لحاظ سے ضائع کرنا ہی ہو گا۔ اُس کے باپ نے دل محمد کی نصیحت کو محض ٹالنے کا بہانہ سمجھا۔ وہ اپنے مالک کو بڑا خسیس اور گھٹیا کہہ رہا تھا جو کم اُجرت دیتا اور کام زیادہ لیتا تھا۔ یہ سب کچھ درُست ہو سکتا تھا مگر دل محمد کے گھر والوں کی گزر بسر ٹھیک ٹھاک ہو رہی تھی لہذا اُس نے خوب مِنّت سماجت کر کے اُسے مجبور کر لیا کہ وہ شکیل کو شہر لے جائے اور اپنے مالک سے مِلا دے، آگے رہی اُس کی قسمت۔ دل محمد نے جو کہا، وہ جھوٹ نہیں تھا۔ اس کا مالک نام کا گل زَادہ تھا، نکلا پورا حرام زادہ۔ اُسے دیکھتے ہی اُس کی رالیں ٹپکنے لگی تھیں۔
شکیل نے پہلے روز اُس کی رالیں نہیں دیکھی تھیں کہ وہ تو اپنی ضرورت اور اپنی مجبوریوں کو دیکھ رہا تھا۔
گل زادہ نے شکیل کی رہائش کا بندوبست دل محمد کے ساتھ دکان کے پچھواڑے میں کرنے کی بہ جائے اُوپر والے فلیٹ میں اپنے ساتھ کیا تھا۔ اُس نے اپنے ساتھ اپنے مالک کو یوں مہربان پایا تو اُس کے قریب ہوتا چلا گیا۔ دوسری تنخواہ تک وہ اُس پر خوب مہربان رہا اور جب اس بار بھی تنخواہ کی رقم کا منی آرڈر گھر بھیج چکا تو ایک رات وہ اُس کے بستر میں گھس گیا۔ سردیوں کے دن تھے، پہلے پہل اُس کا یوں لحاف میں گھس آنا شکیل کو بُرا نہ لگا تھا تاہم رفتہ رفتہ شکیل اس حرام زادے کی نیت اور وہ خود کھلتے اور اُسے بھی کھولتے چلے گئے۔ بعد میں وہ یہ واقعہ اپنے آپ کو اَذیّت دینے کے لیے قہقہہ لگا کر سنایا کرتا۔ تاہم وہ یہ بھی کہتا تھا کہ وہ جس مشکل میں پڑ گیا تھا اس سے ہمت کر کے نکل آیا تھا۔ جب میں نے شکیل سے اس کا یہ قِصّہ سنا تھا تو بات ایک قہقہے پر نہیں رُکی تھی۔ قہقہے کی آواز اَبھی معدوم نہیں ہوئی تھی کہ فوراً بعد اُس کے حلقوم میں ہچکیوں کی باڑھ اُمنڈ پڑی تھی۔ اُس نے اپنی اِس کیفیت پر قابو پانے کے لیے اپنے نچلے ہونٹ کو دانتوں تلے دے کر کاٹ ہی ڈالا تھا۔ شکیل نے ذَرا سنبھلنے کے بعد یہ بھی بتایا تھا کہ اُس کا مالک اس پر ایسے میں کھُل رہا تھا جب وہ ان سہولتوں کا عادی ہوتا جا رہا تھا جو اُس نے گاؤں میں دیکھی تک نہ تھیں۔ اُس کے باپ کے پاس بھی ایک معقول رقم پہنچنے لگی تھی۔ اس مختصر سے عرصے میں اس نے اپنے باپ کو اِتنی رقم بھیج دی تھی، جتنی اُس نے کبھی اپنے باپ کے پاس یک مُشت دیکھی ہی نہ تھی۔ اپنے ہی باپ کا کفیل بننے میں اُسے لطف آنے لگا تھا۔ یہی لطف تھا کہ جس نے اُسے فوری طور پر بے روزگار ہونے کے لیے تیار نہ ہونے دیا۔ بعد میں جب راتیں مسلسل لذّت اور کراہت کے بیچ گزر نے لگیں تو اُس کا دل شدّت سے اُلٹنے لگا۔ وہ وہاں ٹھہرا رہا، یہاں تک کہ وہ اپنے دل کی گہرائیوں سے اُس شخص سے شدید نفرت محسوس کرنے لگا۔ یہ نفرت اِتنی شدید تھی کہ ایک رات، جب کہ وہ اُوندھا پڑا اُس کا اِنتظار کر رہا تھا، وہ چپکے سے باہر نکل آیا۔
جس روز وہ گل زادہ کے فلیٹ سے باہر نکلا تھا، اُس روز اُس نے صاف صاف ایک لذیذ سنسناہٹ کو اُس کی ریڑھ کی ہڈّی سے دُمچی کی طرف بہتے ہوے پایا تھا۔
مارکیز کا ناول دوسری بار پڑھنے کے بعد اَب اگر میں اُس دن کی بابت سوچوں، جس روز شکیل نے مجھے اپنا یہ قصّہ سناتے ہوے قہقہہ لگایا اور فوراً بعد اپنے دم کو ہچکیوں کا پھندا لگا لیا تھا تو مجھے شکیل کی جگہ مارکیز کے ناول کی وہ با کرہ لڑکی یاد آ جاتی ہے جسے نوّے سالہ بوڑھے نے دیلگدینہ کا نام دیا تھا۔ دیلگدینہ، جو پانچ دسمبر کو محض پندرہ سال کی ہو رہی تھی مگر جسے اپنے گھر کے اخراجات چلانے کے لیے شہر سے باہر دن میں دو بار بٹن ٹانکنے جانا پڑتا تھا۔ اُس لڑکی کو ایک دن میں جب سوئی اور انگشتانے سے سو سو بٹن ٹانکنا پڑتے تو وہ اَدھ موئی ہو جاتی۔ دیلگدینہ اور شکیل کو میں ایک ساتھ یوں دیکھ رہا ہوں کہ دن بھر اپنے مالک گل زادہ کا کریانہ بیچتے اور گاہکوں کے نہ ٹوٹنے والے رش سے نبٹتے نبٹتے شکیل بھی بالکل اس لڑکی کی طرح اَدھ موا ہو جاتا تھا۔ تاہم ان دونوں کو کہانی کے اِس مرحلہ پر ایک جیسی مشقت میں پڑا دکھانے کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ یہ دونوں کہانی کے باقی مراحل میں بھی ایک جیسے ہوں گے۔ شکیل، جو اپنے مالک کی دُمچی میں سنسناہٹ چھوڑ کر نکل آیا تھا، بعد میں بہت خوار ہوا۔ تاہم ایک روز آیا کہ ایک دوسرے شخص نے نہ صرف اُسے اپنے ہاں ملازمت دی، اُس کے نکاح میں اپنی بیٹی صفیہ بھی دے دی تھی۔
شکیل ملازمت کے لیے آیا اور گھر داماد ہو گیا تھا۔
وہ خوب رُو تھا اور سلجھا ہوا بھی۔ ہمت کی بھی اُس میں کمی نہ تھی۔ وہ ضرورت مند تھا اور ایک لحاظ سے دیکھیں تو شرفُ اللہ بھی ضرورت مند تھا، اُس کی بیٹی کنواری رہ گئی تھی۔ یہ ایسی ضرورت تھی، جس کے لیے شکیل کی کسی بھی ضرورت کو پورا کیا جا سکتا تھا۔ لہذا اس نئے گھر میں اُس کے بارے میں بھی ویسا ہی سوچا جانے لگا جیسا کہ ایک بیٹے کے بارے میں سوچا جا سکتا تھا۔ صفیہ، شرفُ اللہ کی اکلوتی اولاد تھی۔ اُس کے پاس جو کچھ تھا، اُسی کا تھا۔ دونوں کے بہتر مستقبل کے لیے ضروری سمجھا گیا کہ شکیل کالج میں داخلہ لے لے۔ سال بھر کی ملازمت اور خواری کے بعد شکیل فوری طور پر مزید پڑھنے کی طرف راغب نہ ہو پایا۔ جب اسی کی بیوی صفیہ نے ایک شفیق ماں کی طرح اُس کا حوصلہ بڑھایا اور سسر نے یقین دلایا کہ تعلیم پر اُٹھنے والے سارے اِخراجات وہ خود اٹھائیں گے تو اُس نے کالج میں داخلہ لے لیا۔
یہیں وہ شاعری کی طرف راغب ہوا تھا۔
جن دنوں میں شکیل کی طرف متوجہ ہوا اُس نے ایم اے کر لیا تھا اور ایک غیر سرکاری کالج سے وابستہ تھا۔ شام کو وہ اسی کالج میں چلنے والی اکیڈمی میں پڑھا کر خوب کما بھی رہا تھا، تاہم اس بارے میں مطمئن نہ تھا اور کچھ نیا کرنے کی بابت مسلسل سوچا کرتا۔ ان دنوں اس شہر میں پراپرٹی کا کاروبار بہت عروج پر تھا۔ اُس نے دو ایک ایسے سودے کمیشن کی بہ جائے ٹاپ یعنی پلاٹ نقد اُٹھا کر بیچنے کی بنیاد پر کیے۔ اِن سودوں نے اُسے اِتنا مارجن دیا کہ وہ یکسوئی سے اس کاروبار میں جُت گیا۔ پھر تو ٹاپے پر ٹاپا اُترنے لگا اور اس کے حالات بدلتے چلے گئے۔
اس کے حالات ہی نہیں بدلے، وہ خود بھی بدلتا چلا گیا۔
شہر بھر کے اُن شاعروں نے سُکھ کا سانس لیا جو مشاعروں میں اُس کی ساری توجہ سمیٹ لینے پر اس سے نالاں رہتے تھے، کہ اَب وہ اِدھر آتا ہی نہیں تھا۔ ایسا نہیں ہوا کہ اُس نے تقاریب میں آنا یک دم موقوف کر دیا تھا۔ پہلے پہل اس میں تعطل کے وقفے پڑے۔ پھر جب کبھی وہ آتا تو مجھے بھی ساتھ اُچک کر باہر لے جاتا کہ اُسے سننے سنانے سے کوئی دل چسپی نہ رہی تھی۔ گاڑیاں بدلنا اُس کا معمول ہوتا جا رہا تھا کہ اِس کاروبار میں بھی اُس نے اچھی خاصی سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔
یہ بدلا ہوا شکیل دیکھ کر میں اُس شکیل کی بابت سوچنے لگتا تھا جسے پہاڑوں سے آتے ہی مجبور پا کر گل زَادہ نے پچھاڑ لیا تھا۔
شروع شروع میں، میں سمجھتا رہا تھا کہ وہ صفیہ سے شادی کر کے مطمئن ہو گیا تھا۔ اُس کی زندگی میں جس طرح آسائشیں آ رہی تھی ان کے جھانسے میں وہ خود بھی ایک مُدّت تک یوں ہی سمجھتا رہا تھا۔ اس عورت کے بطن سے اُس نے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں پیدا کیں۔ بقول اُس کے اُسے اپنے بچوں سے بہت محبت تھی۔ یہ بعد کی بات ہے کہ اس نے گاڑیاں اور لڑکیاں بدلنا مشغلہ بنا لیا تھا۔ اُن دنوں اُس نے نہ صرف صفیہ کا بل کہ اپنے تینوں بچوں کا ذِکر بھی چھوڑ دیا تھا۔ میں نے کہا نا کہ میں شکیل کے بہت قریب تھا۔ یہ بھی بتادوں کہ اُس کے بیوی بچے مجھ سے بہت مانوس ہیں، تاہم کہتا چلوں کہ جس تیزی سے وہ اُن سے دُور ہوا تھا، میں بھی انہیں ملنے سے کترانے لگا تھا۔ میں نے اَندازہ لگا لیا تھا کہ وہ شکیل کے سب لچھن جان گئے ہوں گے۔ میں نے اُن کے سامنے جاتا تو ممکن تھا کہ صفیہ ا س حوالے سے بات چھیڑ کر میری مدد مانگ لیتی۔ میں جانتا تھا جس لذّت کی دلدل میں وہ اُتر چکا تھا کوئی بھی اُسے نکال نہیں سکتا تھا۔ حتی کہ میں بھی۔ میں اپنے تئیں ایک آدھ بار بچوں اور صفیہ کا ذِکر کر کے اُسے اس دلدل سے نکالنا چاہا تھا۔ بچوں کے نام پر تو وہ چپ ہو گیا مگر صفیہ کا ذِکر آتے ہی اُس نے ویسا ہی قہقہہ لگایا جیسا کہ وہ گل زَادہ کا نام آنے پر لگایا کرتا تھا۔
گل زادہ اور صفیہ میں اگر کوئی مشابہت ہو سکتی تھی تو وہ دونوں کا بھاری بھرکم وجود تھا جو تھل تھل کرتا تھا۔
ایک اور بات جو مجھے ہمیشہ اُلجھن میں ڈالتی رہی ہے، وہ شکیل کا صفیہ کے ذکر پر عجب طرح کا قہقہہ لگانا تھا، ایسا قہقہہ کہ بات محض اس مشابہت تک محدود نہ رہتی تھی۔
صفیہ شکیل سے عمر میں نو دس سال بڑی ہو گی۔ بچوں کی پیدائش کے بعد تو وہ اُس کے مقابلے میں کہیں بوڑھی دکھائی دیتی تھی۔ تاہم وہ اُس کے بچوں کی ماں تھی اور اس کا یوں اس کی توہین کرنا مجھے بہت کَھلتا۔ جس روز وہ ایک قیمتی گاڑی پر آ کر مجھے تقریب سے اُٹھا کر ایک ہوٹل لے گیا تھا، اس نے مجھے سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ اس کی عمر کے آدمی کے لیے ایک جوان عورت کے وجود کی کیا اہمیت تھی، اُسی روز اُس نے اپنے موبائل کے قدرے زیادہ پکسل والے کیمرے سے لی گئی پانچ مختلف لڑکیوں کی تصاویر دکھائی تھیں، جن میں سے ایک تصویر تو ایسی تھی جس میں وہ خود بھی موجود تھا۔ موبائل کا ڈسپلے بڑا، اور تصویریں خوب شوخ، شفاف اور روشن تھیں۔ جس تصویر میں وہ خود موجود تھا، اُس کے آگے کو جھکے ہوے دائیں کندھے سے میں نے اَندازہ لگایا کہ اسی سمت کے بازو کو آگے بڑھا کر یہ تصویر اس نے اپنے موبائل سے خود کھینچی تھی۔ اس کے ساتھ ایک ایسی لڑکی تھی جس کی عمر ہو نہ ہو اُس کی اپنی بڑی بیٹی سونیا جتنی تھی۔ لڑکی اور وہ خود بھی، جہاں تک تصویر میں نظر آ رہے تھے، لباس کی تہمت سے پاک تھے۔ اگر چہ تصویر میں سے لذّت اُبلی پڑ رہی تھی مگر سونیا سے اُس تصویر والی لڑکی کی مشابہت قائم کرتے ہوے میں سارا مزا کِرکِرا کر بیٹھا تھا۔
مجھے سونیا سے اُس لڑکی کا موازنہ نہیں کرنا چاہیے تھا، جس کے ساتھ بقول شکیل کے، اس نے نوٹوں میں تولنے کے بعد ایک رات کی رفاقت پائی تھی۔
ماننا پڑے گا کہ مارکیز کی کہانی کا بوڑھا عورتوں کی گنتی کے بارے میں کہیں آگے تھا۔ تاہم یہ بھی تسلیم کرنا ہو گا کہ ان عورتوں پر خرچ کے معاملے میں )اگر فی کس عورت کے حساب سے خرچ کا تخمینہ لگایا جائے تو( شکیل کا کوئی مقابلہ نہ تھا۔ یہ بھی بجا کہ مارکیز کا بوڑھا صحافی، جسے چکلا چلانے والی روسا کبرکس ’’ اے میرے اسکالر‘‘ کہہ کر مخاطب کرتی تھی، جس عورت سے بھی (اس ناول کے ترجمہ کار کی اصطلاح میں جفتی کا) تعلق بنانا چاہتا، اُسے معاوضہ ضرور ادا کیا کرتا تھا، لیکن یہ بھی واقعہ ہے کہ وہ تھا پَرلے درجے کا کنجوس۔ اگر آپ نے یہ ناول مکمل طور پر پڑھ رکھا ہے تو آپ کی نظر میں اسی مرکزی کردار کا اعترافی بیان ضرور گزرا ہو گا جس کے مطابق وہ بخیل آدمی تھا۔ اس مَقام پر پہنچ کر تو ہو نہ ہو آپ کی ہنسی ضرور خطا ہو گئی ہو گی، جہاں اس جنس زدہ بوڑھے نے اپنی نوے ویں سالگرہ کی رات ایک باکرہ کے ساتھ گزارنے کے لیے خرچ کا حساب چودہ پیسو لگایا تھا۔ یعنی اخبار سے ملنے والے پورے ایک ماہ کی کالم نویسی کے معاوضے کے برابر۔ پھر جس طرح اس بوڑھے نے پلنگ کے نیچے کے مخفی خانوں سے عین حساب کے مطابق ریزگاری نکالی تھی، دو پیسو کمرے کا کرایہ، چار مالکہ کے لیے، تین لڑکی کے واسطے، پانچ رات کے کھانے اور اوپر کے خرچے کے لیے، سچ پوچھیں تو یہ پڑھ کر میری ناف سے ہنسی کا گولا اُٹھا اور میرے جبڑوں کو اِتنا دُور اُچھال گیا تھا کہ وہ بہت دیر بعد واپس اپنی جگہ پر آ پائے تھے۔ میری کہانی کا شکیل اُن لوگوں میں سے نہیں تھا جو اِس معاملے میں بھی گِن گِن کر خرچ کرتے ہیں۔ یہ جو اُس نے لڑکی کو نوٹوں میں تولنے کی بات کی تھی تو اِس سے قطعاً اُس کی یہ مراد نہیں تھی کہ اُسے اپنا بہت سا روپیہ خرچ ہو جانے کا احساس تھا۔
وہ تو اُس لڑکی کے دام بالا بتا کر اُس کی قدر و قیمت کا احساس دلانا چاہتا تھا۔
’’اَپنی سوگوار بیسواؤں کی یادیں‘‘ نامی کتاب میں عین وہاں سے کہانی جنس کا چلن چھوڑ کر محبت کی ڈگر پر ہو لیتی ہے، جہاں یہ بتایا گیا ہے کہ قحبہ خانے کے ایک اَہم گاہک کو پویلین کے پہلے کمرے میں کوئی چاقو مار کر قتل کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ کہانی کے بوڑھے اسکالر نے جب خُون سے لت پت بستر پر اُبلے ہوے مرغ کی طرح پیلے ہو جانے والے اُس لحیم شحیم آدمی کی لاش کو پڑے دیکھا تھا تو اُس کے جسم پر کپڑے کی ایک دھجی تک نہ تھی۔ کہانی کا یہ حصّہ پڑھ کر پہلے تو میرے وجود میں سنسنی دوڑی مگر جب یہ بتایا گیا کہ اس ننگی لاش نے جوتے پہن رکھے تھے تو میری ایک بار پھر ہنسی چھوٹ گئی تھی۔ مارکیز نے کہانی کے اس حصے میں جنس کا میٹھا اُس مُردے پر مَل کر اُسے لذّیذ بنا تے ہوے بتایا ہے کہ مقتول کا جسم اَبھی اَکڑا نہیں تھا۔ اُس کی گردن پر ہونٹ کی شکل کے دو زخم تھے اور یہ کہ موت کے باعث اُس کے سکڑے ہوے عضو پر ایک کونڈم ہنوز چڑھا ہوا تھا۔ کہانی لکھنے والے نے یہ وضاحت کرنا بھی ضروری جانا تھا کہ کونڈم غیر اِستعمال شدہ دکھائی دے رہا تھا۔
یہاں مجھے مُترجِم سے اپنی ایک شکایت ریکارڈ پر لانی ہے اور اُسے داد بھی دینی ہے۔ شکایت کا یہ موقع وہاں وہاں نکلتا رہا ہے جہاں اُس نے اُردو جملوں کو بھی ترجمہ کیے جانے والے مَتن کے قریب رکھ کر اُنہیں پیچیدہ بنا دیا۔ ناول کے نام کے ساتھ بھی یہی روّیہ روا رکھا گیا ہے جب کہ اِسے تھوڑا سا بدل کر رواں کرنے کے لیے ’’اَپنی بیسواؤں کی یاد میں‘‘ کر دیا جاتا تو زیادہ مناسب ہوتا۔ اور اَب مجھے بَرملا اس جرات اور سلیقے کی داد دینی ہے جس کو رو بہ عمل لا کر اُس نے ان لفظوں کا ترجمہ کر لیا ہے، جو بالعموم ہمارے ہاں شائستگی کے تقاضے کے پیش نظر زُبان پر نہیں لائے جاتے ہیں۔ تاہم اِسے کا کیا کیجئے کہ کونڈم کا ترجمہ کرنا اُس نے ضروری نہیں سمجھا۔
شاید اِس لفظ کا ترجمہ کرنا اُس کے بس میں تھا ہی نہیں۔
یہاں شکیل سے متعلق دو واقعات کہانی میں گھسنے کو بے تاب ہیں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ پہلا واقعہ خود بخود آگے چل کر دوسرے واقعے سے جُڑ جاتا ہے۔ پہلے واقعہ کا تعلق اُن دنوں سے ہے، جن دنوں اس کے اسکول کے ہیڈ ماسٹر صاحب نے مڈل اسٹنڈرڈ اِمتحان کی تیاری کے لیے یونین کونسل مسیاڑی کے دفتر میں اضافی پڑھائی کا اِہتمام کیا تھا۔ امتحانوں تک اُسے اور اُس کے ہم جماعتوں کو وہیں رہنا، پڑھنا اور رات گئے وہیں سونا تھا۔ یہ قصّہ شکیل بہت مزے لے لے کر اور خُوب کھینچ تان کر سُنایا کرتا مگر مختصرا ً یوں ہے کہ جب ماسٹر صاحب چلے جاتے اور دن بھر پَڑھ پَڑھ کر اُکتائے ہوے لڑکوں کو کچھ نہ سوجھتا، تو وہ ملحقہ کمرے میں منصوبہ بندی والی دواؤں کے ساتھ پڑے ہوے چمکیلے لفافوں میں بند سفید غبارے چوری کر کے خُوب پھُلایا کرتے تھے۔ یہ غبارے اَگرچہ اس طرح رنگین نہ تھے، جیسے تنگلی میں سُودے کی ہٹی پر مِلتے تھے مگر ان میں ایک ایسی خوبی تھی جو ان رنگین غباروں میں بھی نہ تھی کہ یہ ہوا بھرنے پر بہت پھُولتے تھے۔ اُن دنوں دیہی علاقوں کے اس عمر کے بچوں کو معلوم ہی نہیں ہوتا تھا کہ ان چِٹّے خمور غباروں کا اصل مصرف کیا تھا۔ وہ سب اس پر خُوش تھے کہ اُن کے ہاتھ بہت سے غبارے لگ گئے تھے اور رات گئے ان میں اِس پر مقابلہ لگا رہتا تھا کہ کون انہیں سب سے زیادہ پھُلائے گا۔ شکیل کے مطابق اُن دنوں اِن غباروں پر سفید رنگ کا سفوف مَلا ہوتا تھا جس سے ان کے ہونٹ اور گال یوں ہو جاتے تھے جیسے اُن پر آٹا مَل دیا گیا ہو۔ اِسی سفیدی نے اُن کی شرارتوں کا پول ہیڈ ماسٹر صاحب پر کھول دیا تھا۔ ہیڈ ماسٹر صاحب کو پہلے تو غصہ آیا پھر کچھ سوچتے ہوے ہنس پڑے اور کہا ’’ نامعقولو! یہ ناپاک ہوتے ہیں کہ اِن میں بیمار پیشاب کیا کرتے ہیں۔ ‘‘
اَگلے روز ساتھ والے کمرے پر تالا نہ پڑ گیا ہوتا تو وہ ضرور تجربہ کرتے کہ اِن غباروں کو بیمار کیسے اِستعمال کرتے تھے کہ ہیڈ ماسٹر صاحب کی بات اُنہیں مزید اُلجھا گئی تھی۔
اِسی شکیل نے، کہ جسے ہیڈ ماسٹر صاحب نے ایک زمانے میں اُلجھا دیا تھا، اَب اس اُلجھن سے پوری طرح نکل آیا تھا۔ اُس نے مجھے لگ بھگ ویسے ہی کھُلے مُنّھ والے غبارے کی اپنے موبائل کے قدرے زیادہ پکسل والے کیمرے سے کھینچی ہوئی تصویر تب دکھائی تھی، جب میں اجلاس سے اُٹھ کر اُس کے ساتھ ہوٹل آ گیا تھا اور جب وہ اپنی دوست لڑکیوں کی پانچوں تصویریں دکھا چکا تھا۔ مجھے اُس کا سنایا ہوا اوپر والا واقعہ عین اِس موقعے پر یوں یاد آیا تھا کہ تصویر میں بھی لگ بھگ ویسا ہی غبارہ تھا۔ تصویر والا غبارہ بالکل سفید نہ تھا، ایسی جلد کی رنگت لیے ہوے تھا جس میں چمک بھی آ گئی تھی۔ میں نے کراہت کو اپنے حلقوم تک آتے پا کر اُس کا موبائل اسے لوٹانا چاہا تو نہ چاہتے ہوے بھی پھسلتی ہوئی ایک نظر اُس غبارے پر ڈال لی۔ مجھے صاف دکھ رہا تھا کہ اس میں کسی بیمار نے پیشاب تو نہ کیا تھا، تاہم کچھ تھا جس سے وہ ذرا سا پھول کر ایک طرف کو ڈھلک گیا تھا۔ پھر یوں ہوا کہ رفتہ رفتہ وہ ساری لڑکیاں جن کی اس نے تصویریں بنا رکھی تھیں یا ان جیسی دوسری لڑکیاں جو کیمرے والا موبائل دیکھتے ہی بِدک جاتی تھیں، ایک ایک کر کے اس کی زندگی سے نکل گئیں اور ان سب کی جگہ عاتکہ لے لی تھی۔
بتایا جا چکا ہے کہ مارکیز کے لذّت مارے بوڑھے کی دیلگدینہ پانچ دسمبر کو پندرہ برس کی ہوئی تھی اور کہانی میں جب سالگرہ والی رات آتی ہے تو بوڑھے اسکالر کی حرکتیں پڑھ کر گمان سا ہونے لگتا ہے کہ جیسے اُسے اس لڑکی سے محبت ہو گئی ہو گی، مگر واقعہ یہ ہے کہ وہ اسے پورا گانا سنا کر اور اس کے پورے بدن پر بوسے دے کر ایک بے قابو مَہک کو جگانا چاہتا تھا۔
اُس روز وہ اس بے قابو مہک کو جگا کر اور خوب تھک کر سو گیا تھا۔
اس کی محبت تو تب جاگی تھی جب قتل والی رات کے بعد دیلگدینہ اور اُس کا مِلنا ایک عرصے تک ممکن نہ رہا تھا۔ اس کے بعد کے صفحات بوڑھے اسکالر کی اس لڑکی کی محبت میں تڑپ کا احوال سمیٹے ہوے ہیں۔ شکیل کی کہانی میں عاتکہ لگ بھگ اِسی طرح کی تڑپا دینے والی محبت کے لیے موزوں ٹھہرتی ہے جس طرح کی محبت مارکیز کے مرکزی کردار کو اس پندرہ سالہ لڑکی سے تھی، تاہم اتنی ساری مشابہتوں کے باوجود شکیل کی کہانی بہت مختلف ہو جاتی ہے۔
عاتکہ کو لے کر شکیل نے یہ شہر چھوڑ دیا تو مجھے اُس کی اِس حرکت پر شدید صدمہ پہنچا۔
جس خاندان نے اس شخص کو شہر میں آسرا دیا تھا، اس خاندان سے اُس نے وفا نہ کی تھی۔ شکیل سے قربت کی وجہ سے میں جانتا ہوں کہ صفیہ نے اپنی ذات مٹا کر اُس کی خدمت اور محافظت کی تھی۔ جس طرح مائیں اپنی اولاد کے عیب چھپا کر اور اُن کی خطاؤں کو بھول کر اُنہیں اپنی محبت کی چادر سے باہر نہیں نکالتیں، بالکل اسی طرح کی مسلسل اور بے ریا محبت اُسے صفیہ سے ملی تھی۔ جب کئی روز بعد شکیل کے یوں شہر چھوڑنے کی خبر ملی تو میں بھابی کا دُکھ بانٹنے اُس کے گھر پہنچ گیا، اس خدشے کے باوجود کہ مجھے وہاں جا کر اپنے دوست کے حوالے سے ناحق خجالت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہاں پہنچ کر مجھے اَندازہ ہوا کہ شکیل کی ساری حرکتوں کا اَندازہ صفیہ کو تھا۔ دونوں بچیاں مجھے دیکھتے ہی دھاڑیں مار مار کر رونے لگ گئیں، تاہم صفیہ یوں حوصلے میں تھی جیسے وہ شکیل سے جدائی اور بے وفائی کا وار سہہ گئی تھی۔ میں نے اَندازہ لگایا کہ ہو نہ ہو اس کا سبب کچھ اور تھا۔ شاید دونوں کی عمر کا وہ تفاوت جس نے عین آغاز ہی سے دونوں کے بیچ شدید اور تند جذبوں والا تعلق قائم نہ ہونے دیا تھا۔ تاہم وہ پریشان تھی، اتنا کہ جتنا کوئی اپنی بے اِنتہا قیمتی شے کے کھو جانے پر پریشان ہو سکتا تھا۔ اب ماں کے پیار والا سارا احساس مجھے تب محسوس ہوا تھا جب اُس نے اپنے بیٹے شہباز کو دیکھا تھا۔ شہباز لگ بھگ اس عمر کو پہنچ گیا تھا جس عمر میں شکیل اس شہر آیا تھا۔ جب اُس کی ماں نے یہ بتایا کہ شہباز نے کالج جانا چھوڑ دیا تھا اور کسی دکان پر کام کر کے اس گھر کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں تو میں نے دیکھا، شکیل کے دل گرفتہ بیٹے کا چہرہ غصے سے تمتمانے لگا تھا اور اُس نے اپنی مٹھیاں اور ہونٹ سختی سے بھینچ لیے تھے۔
مارکیز نے آخری پیراگراف لکھتے ہوے بوڑھے اسکالر کے گھر کے باورچی خانے میں دیلگدینہ کو اپنی پوری آواز سے گاتا دکھا کر اپنی کہانی کو رومانوی جہت دے دی تھی۔ مگر میری اس کہانی کا المیہ یہ ہے کہ اپنے خاتمے پر اس سے سارا رومان اور ساری لذّت منہا ہو گئی ہے۔ شکیل اپنے ساتھ بھاگ جانے والی لڑکی سے بھی اُوب چکا ہے۔ جس عمر میں اُسے یہ سیکھنا تھا کہ شدید اور الہڑ جذبوں کو طول کیسے دیا جاتا ہے، وہ سدھائے ہوے جذبوں سے نبٹتا رہا تھا۔ وہ واپس آیا تو سیدھا گھر نہیں گیا میرے پاس آیا، شاید وہ اپنے گھر کی دہلیز ایک ہی ہلے میں پار کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتا تھا۔ میں اُسے رات بھر حوصلہ دیتا رہا اور سمجھاتا رہا کہ اُس کے بیوی بچوں کو اُس کی ضرورت تھی اور یہ کہ اُس کے اپنے گھر میں اُس کا اِنتظار ہو رہا تھا مگر اَگلے روز جب میں اُس کے ساتھ اُس کے گھر گیا تو اُس کے بیٹے نے اُس پر پستول تان لیا تھا۔ صفیہ نے واقعی اپنے شکیل کو معاف کر دیا تھا، تب ہی تو اُس نے یوں پستول تاننے پر اپنے بیٹے کی چھاتی پیٹ ڈالی تھی۔ شہباز نڈھال ہو کر دہلیز پر ہی بیٹھ گیا۔ صفیہ نے اُس کی طرف دیکھے بغیر اُسے اُلانگھا اور اپنے شوہر کی طرف لپکی۔ دہلیز پر بیٹھے نوجوان کے ہاتھ میں جنبش ہوئی اور اگلے ہی لمحہ گولی چلنے کی آواز کے ساتھ ایک کربناک چیخ میرا وجود چیر گئی تھی۔
٭٭٭

علم غیب

انور زاہدی

ٹی روم میں چائے پینے کے دوران ایک بحث چل پڑی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کچھ ڈاکٹر علم غیب کے بارے میں پورے یقین کے ساتھ اپنے دلائل پیش کر رہے تھے۔ ۔ ۔
ڈاکٹر شاہد کا کہنا تھا کہ اُن کے تجربے میں ایسے کئی لوگ آئے ہیں جنہوں نے مستقبل میں ہونے والے واقعات کے بارے میں بہت پہلے جو کچھ کبھی کہا۔ ۔ ۔ وہ سو فیصد ویسا ہی نکلا۔ ۔ ’’اور جن لوگو ں کا میں ذکر کر رہا ہوں وہ کو ئی پیشہ ور نجومی یا ایسے کسی قبیل سے نہیں تھے۔ ۔ ۔ ‘‘
ٹی روم کے کونے سے کسی نوجوان ڈاکٹر نے نعرہ لگا یا۔ ۔ ۔
’’یعنی شوقیہ فنکار تھے۔ ۔ ۔ ‘‘
اس پر ٹی روم میں جیسے قہقہوں کے گرینیڈ پھٹ پڑے۔ ۔ ۔
جس پر فوراً ہی۔ ۔ ۔ ڈاکٹر شاہد نے اپنی بات کا دفاع کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہا۔ ۔ ۔
’’برخوردار۔ ۔ ۔ ابھی تو آپ نے عملی دنیا میں قدم رکھا ہے۔ ۔ ذرا وقت گزرنے دیجئے۔ خود معلوم ہو جائے گا۔ ۔ ۔ فن کاری اور شوقیہ فن کار میں کیا فرق ہوتا ہے‘‘
اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے۔ ۔ ذہنی امراض کے ماہر ڈاکٹر جمال کہنے لگے
’’ مثلاً میرے تجربے میں کئی مریض ایسے آئے ہیں۔ ۔ ۔ جن کے ہاں مستقبل کے بارے میں پیشین گوئی کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ ۔ ‘‘
’’ ڈاکٹر صاحب آپ کے مریضوں کے ہاں تو۔ ۔ ۔ ‘‘ڈاکٹر فاروق مزید کچھ کہنا ہی چاہتے تھے۔ ۔ ۔
کہ ڈاکٹر جمال نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے۔ ۔ ڈاکٹر فاروق کی بات کو کا ٹ کر کہا۔ ۔ ۔
’’کہہ دیں کہ ہم اور ہمارے مریض ہوتے ہی پاگل ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
اس پر ڈاکٹر احمد نے نے شعبہ میڈیسن کے ڈاکٹر فاروق کو یہ کہہ کر چپ کرا دیا۔ ۔ ۔ ۔
’’ڈاکٹر فاروق۔ ۔ ۔ آپ بحث ضرور کریں لیکن اپنے سینیرز کا خیال بھی رکھیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بحث میں عزت و تکریم کے دامن پہ آنچ نہیں آنی چاہیئے۔ ۔ ۔ ‘‘
کچھ ڈاکٹر جن میں سینیر اور جونئیر سب ہی شامل تھے ڈاکٹر جمال کی اس بات سے اتفاق کرتے تھے۔ ۔ ۔ کہ وہ واقعی صحیح کہہ رہے ہیں۔ ۔ ۔ جبکہ کچھ نوجوان ڈاکٹروں کا ٹولہ جیسے ادھار کھائے بیٹھا تھا کہ اُنہوں نے کسی کی بات کو نہیں ماننا۔ ۔ ۔ ۔
ڈاکٹر جمال نے ٹی روم سے نکلتے ہوئے قدرے مدھم لہجے میں اپنی بات کے دفاع میں ایک بار پھر کہا۔ ۔ ۔
’’سائنس جس مضمون کا نام ہے۔ ۔ ۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم طبعی اور فطری دنیا میں رونما ہونے والے تمام مظاہر کا تجربے اور مشاہدے سے مطالعہ کریں۔ ۔ ۔ اور اس کے نتیجے میں برآمد ہونے والے حقائق کو اپنے تجربات اور مشاہدات کی بنا پر تسلیم کریں۔ ۔ ۔ یہی سائنس ہے۔ ۔ ۔ لیکن جسے آج ہم سائنس کہتے ہیں۔ ۔ ۔ کسی زمانے میں ایسی باتیں کرنے والوں کو کلیسا نے جادوگر قرار دے کر مار ڈالا تھا۔ ۔ ۔ یعنی جو آج سائنس ہے اُسے ماضی میں محض جادو اور علم غیب سمجھا جاتا تھا۔ ۔ ۔ کوپر نیکس مرتے دم تک اپنے نظریات کا برملا اظہار نہ کرسکا۔ ۔ ۔ گلیلیو کو اپنے نظریات کے اظہار پر عمر قید میں رہنا پڑا اور ان سے قبل نجانے کتنے ہی سائنس دانوں کو اپنے نظریات کے حق میں زندگی سے ہاتھ دھونا پڑے ہوں گے۔ ۔ ۔ میری دانست میں آج کے نوواردان بساط۔ ۔ ۔ میری مراد آپ ینگ ڈاکٹروں سے ہے۔ ۔ ۔ آپ کا رویہ بھی عہد ماضی کے کلیسا کے پادریوں سے کسی طور کم نہیں۔ ۔ ۔ ‘‘۔ ۔ ۔ ڈاکٹر جمال یہ کہتے ہوئے ٹی روم سے باہر چلے گئے۔ ۔ ۔
میڈیکل سپر نٹنڈنٹ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان ڈاکٹروں کو صبر اور تحمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا۔ ۔ ۔ ۔
’’دیکھیں ہم ٹی روم میں محض چائے پینے نہیں آتے۔ ۔ ۔ یہ تو ہم سب اپنے اپنے دفتروں میں بھی پی سکتے ہیں۔ یہاں آنے کا بڑا مقصد ایک دوسرے سے ملنا۔ ۔ ۔ ۔ ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرنا اور خوش وقت ہونا ہوتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جسے انگریزی زبان میں سوشلائز کرنا کہتے ہیں۔ ۔ ۔ گر آپ کسی کے خیالات سے اتفاق نہیں رکھتے تو کیا یہ ضروری ہے کہ اُسے یہ جتا یا بھی جائے۔ ۔ ۔ جبکہ آپ کسی کی رائے سے اتفاق نہ کرنے کا اظہار محض خاموش رہ کر بھی کرسکتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ اور یاد رکھیئے کہ جب آ پ شد و مد سے کسی کی بات کی نفی کرتے ہیں تو آپ کا رویہ اُس وقت رجعت پسندانہ ہو جاتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ترقی تو آگے بڑھنے کا نام ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کسی ایک بات پر رُکے رہنے کو ترقی کا نام ہرگز نہیں دیا جا سکتا۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
میڈیکل سپر نٹنڈنٹ ڈاکٹر وارثی کے بات ختم کرنے پر ٹی روم میں سناٹے کا عالم طاری تھا۔ ۔ ۔ بس ائیر کنڈ یشنر کی آواز گونج رہی تھی۔ ۔ ۔ ڈاکٹر فاروق جو کچھ دیر پہلے بحث کے دوران ہائی بلڈ پریشر کے مریض نظر آتے تھے۔ ۔ ۔ شرمندگی کے باعث پیلے پڑے ہوئے تھے۔ ۔ ۔ ٹی روم آج سے پہلے سگرٹوں کے دھوئیں کے باوجود شاید اتنا کثیف اور بوجھل محسوس نہ ہوا تھا جتنا آج اس بحث میں شامل ہونے والی کدورت کے باعث لگ رہا تھا۔
میں بھی خاموشی سے اُٹھ کر او پی ڈی چلا گیا اور کچھ دیر بعد وہاں سے اُٹھ کر ڈاکٹر جمال کے دفتر میں جا پہنچا۔ ۔ ۔ ڈاکٹر جمال بے حد مرنجاں مرنج قسم کے انسان تھے میرے پرانے دوست ہونے کے ساتھ ساتھ میڈیکل کالج کے زمانے ساتھی بھی تھے۔ ۔ ۔ ۔ مجھے دیکھ کر مسکرائے۔ ۔ ۔ ۔ وہ اس وقت کسی فائل کو پڑھ رہے تھے۔ ۔ ۔
’’آئیں ڈاکٹر شاکر۔ ۔ ۔ ۔ دیکھا آپ نے آج کے میدان کار زار کو۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ڈاکٹر جمال۔ ۔ ۔ نفسیات تو آپ کا میدان ہے اور آپ جانتے ہی ہیں۔ ۔ ۔ نوجوانی کی عمر کے اپنے کمپلیکس ہوتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ویسے آپ کے ٹی روم سے جانے کے بعد۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایم ایس ڈاکٹر وارثی نے اس سارے سلسلے پر خاصے ا فسوس کا اظہار کیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ لگتا ہے جیسے ڈاکٹر فارق کو اس بات کااحساس ہے اور وہ اپنے کئے پر خاصے شرمندہ ہیں۔ ۔ ۔ ‘‘
’’نہیں بھئی اس میں نہ شرمندہ ہونے کی کوئی ضرورت ہے۔ ۔ ۔ اور نہ اس شد و مد سے بحث کرنے کا کوئی تک تھا۔ ۔ ۔ اس سے پہلے تو ڈاکٹر فاروق نے کبھی ایسے رویئے کا اظہار نہیں کیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب کسے معلوم ہے۔ ۔ ۔ کہ اُن کے ساتھ اس سے پہلے کیا واقعہ ہو چکا ہے۔ ۔ ۔ ؟۔ میں تو چاہتا ہوں کہ اُن سے مل کر بات کو ختم کیا جائے۔ ۔ ۔ ‘‘ڈاکٹر جمال نے میری بات کے جواب میں کہا
’’ڈاکٹر جمال میں سمجھتا ہوں کہ لوگوں میں ایک دوسرے کے لئے برداشت کا مادہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ ۔ ۔ ۔ اور لوگ باگ اب اپنے خیالات میں پہلے سے کہیں زیادہ متشدد رویوں کا اظہار کرنے پر کسی قسم کا افسوس کرنے کے بجائے فخر محسوس کرتے ہیں۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ڈاکٹر شاکر اسے آپ ہمارے ہاں گزشتہ برسوں کے نتیجے میں ہونے والی آمرانہ سیاست کی دین سمجھیں۔ ۔ ۔ میں خود ڈاکٹر فاروق کے بارے میں حیران ہو ں کہ اُنہوں نے کیوں اس قدر جذباتیت کا اظہار کیا۔ ۔ ۔ ‘‘
ابھی ہم یہیں تک بات کر پائے تھے۔ ۔ ۔ کہ ڈاکٹر جمال کے دفتر کا دروازہ کھلا اور ڈاکٹر فاروق کمرے میں داخل ہوئے۔ ۔ ۔
میں نے اور ڈاکٹر جمال نے ایک دوسرے کی طر ف دیکھا۔ ادھر ڈاکٹر فاروق نے ڈاکٹر جمال کی طرف پہنچتے ہوئے اپنا ہاتھ مصافحے کے لئے بڑھا کر کہا۔ ۔ ۔
’’ڈاکٹر جمال۔ ۔ ۔ میں آپ سے معافی مانگنے آیا ہوں۔ ۔ ۔ مجھے افسوس ہے کہ آپ کو میری وجہ سے تکلیف پہنچی۔ ۔ ۔ ‘‘
ڈاکٹر جمال ڈاکٹر فاروق سے ہاتھ ملاتے ہوئے کھڑے ہو گئے اور اُ ن سے بغل گیر ہو کر کہنے لگے۔ ۔ ۔
’’مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے کہ آپ آ گئے۔ ۔ ۔ ہم دونوں ابھی یہی بات کر رہے تھے کہ کس طرح اس معاملے کو ٹھیک کیا جائے۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ڈاکٹر جمال۔ ۔ ۔ دراصل میری بات تو ابھی پوری بھی نہ ہونے پائی تھی۔ ۔ ۔ کہ آپ نے اُس کا مطلب کچھ اور نکال لیا۔ ۔ ۔ جبکہ در حقیقت میں تو خود گزشتہ ایک ماہ سے اسی علم غیب کے مسلئے کا شکار ہوں۔ ۔ ۔ ‘‘۔ ۔ ڈاکٹر فاروق نے جواب میں کہا۔ ۔ ۔
ڈاکٹر جمال نے ایک بار پھر میری جانب دیکھتے ہوئے ڈاکٹر فاروق سے سوال کیا۔ ۔ ۔ ۔
’’میں کچھ سمجھا نہیں۔ ۔ ۔ حالانکہ آپ نے اُس وقت تو یہی کہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ کہ آپ کے مریضوں کے ہاں تو۔ ۔ ۔ ‘‘
’’جی بالکل میں بس یہی کہہ پایا تھا۔ ۔ ۔ حالانکہ میرا مطلب یہی تھا کہ آپ کے ہاں تو اس وضع کے تجربات آئے دن رونما ہوتے ہوں گے۔ ۔ ۔ میرا مطلب آپ کے ہاں آنے والے مریضوں سے تھا۔ ۔ ۔ ۔ ڈاکٹر جمال آپ واقعی اس قسم کے واقعات کے بارے میں کچھ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ کس حد تک درست ہیں۔ ۔ ۔ ؟
اور کیا علم غیب۔ ۔ در حقیقت آج کی سائنسی دنیا میں کوئی جواز رکھتا ہے۔ ۔ ۔ ؟ یا اسے ہم پرانے مخفی علوم کی دنیا سے متعلق سمجھیں۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
’’ دیکھیں۔ ۔ ڈاکٹر فاروق ہم سب ڈاکٹر ہوتے ہوئے سائنس کی دنیا سے متعلق ہیں۔ ۔ ۔ اور جو کچھ بھی ہم روز مرہ دیکھتے ہیں۔ ۔ ۔ میرا مطلب اپنے مریضوں کی دنیا سے ہے۔ ۔ ۔ چاہے وہ نفسیاتی مریض ہوں یا ذہنی امراض میں گرفتار۔ ۔ اور یا پھر سیدھے سادھے میڈیسن یا سرجری کی دنیا سے متعلق روزمرہ کی عام بیماریوں کے شکار۔ ۔ ۔ کیا اُن مریضوں میں سے ہسپتال آنے والے کسی بھی مریض کے بارے میں آپ پوری قطعیت کے ساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ کون سا مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو جائے گا۔ ۔ ۔ ؟اور کس مریض کا قطعی پروگنوسس کیا ہو گا۔ ۔ ۔ ؟کیا آپ کے تجربات میں ایسا نہیں ہوا کہ آپ جس مریض کے بارے میں مطمئن تھے کہ یہ صحت یاب ہو جائے گا۔ ۔ ۔ وہ اچانک ایک دن کے قیام ہسپتال کے بعد گھر جانے کے بجائے راہی ملک عدم ہوا۔ ۔ ۔ ۔ جبکہ ایک اور مریض جس کے لواحقین تک سے کنسلٹنٹ یہ کہہ چکے تھے کہ اب آپ انہیں گھر لے جائیں۔ ۔ کہ آخری ایام میں ایسے مریض کو اپنے عزیزوں میں رہنے سے سکون ملتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ وہی مریض اگلے ہی دن سے بہتر ہونا شروع ہو گیا اور چند روز بعد وارڈ میں مٹھائی تقسیم کرتا ہوا ہنسی خوشی ا پنے گھر چلا گیا۔ ۔ ۔ اب یہ کہ اُس مریض نے کتنی عمر پائی۔ ۔ ۔ یہ ایک الگ بات ہے لیکن ایسا ہوتا ہے اور ہوا ہے۔ ۔ ۔ ہم باوجود سائنسی شواہد کے بہت سی باتوں کے بارے میں اب بھی خاموش ہیں۔ ۔ ۔ آپ خود کئی مریضوں کے چارٹ پر۔ ۔ ۔ ’’ پی۔ یو۔ او ‘‘۔ ۔ یعنی۔ ۔ ۔ ۔ ’’پائی ریکسیا آف ان نون اورجین ‘‘۔ ۔ تحریر کرتے ہیں جس کا مطلب ہوتا ہے کہ مریض کے بخار میں مبتلا ہونے کی کوئی وجہ معلوم نہیں۔ ۔ ۔ اور یہ سب ہم مریض کے تمام ضروری معائنوں کے بعد لکھتے ہیں۔ ۔ ۔
مجھے بتائیں کیا ایسانہیں ہے۔ ۔ ۔ ۔ ؟۔ ۔ ۔ ڈاکٹر جمال نے اپنی بات کو ختم کرتے ہوئے گہرا سانس لیا اور اپنی کرسی میں ریلیکس کرنے لگے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں دونوں کو دیکھ رہا تھا۔
’’ ڈاکٹر جمال۔ ۔ آپ بالکل درست فرما رہے ہیں۔ ۔ ۔ لیکن وہ جو علم غیب ہے اُس کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے۔ ۔ ۔ ؟‘‘
ڈاکٹر فاروق نے جیسے تھک ہار کے اپنا سوال پھر دہرا دیا۔ ۔ ۔
’’ڈاکٹر فاروق جہاں تک غیب کے بارے میں علم رکھنے کی بات ہے۔ ۔ ۔ تو غیب کا علم تو بیشک خدا کی ذات کو ہوتا ہے۔ ۔ ۔ لیکن ہاں جیسے آپ ڈاکٹر ہونے کی حیثیت سے کسی بھی مریض کا علاج کرتے ہوئے اُس کی بہتری کا وسیلہ بن جاتے ہیں۔ ۔ ۔ جبکہ شفا من جانب اﷲ ہی ہوتی ہے۔ بس ایسے ہی کچھ لوگوں کو قدرت یہ صلاحیت بھی دیتی ہے کہ وہ مستقبل کے بارے میں پیش بینی کرسکیں۔ ۔ ۔ جسے ہم پریمونیشن [Premonition]بھی کہتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ خیال رہے کہ اس پریمو نیشن کی کوئی منطقی بنیاد نہیں ہو تی۔ ۔ ‘‘
جیسے میں اپنی بات کے حوالے سے آج ٹی روم میں کہنا چاہ رہا تھا کہ بہت سے نفسیاتی مریضوں کے ہاں خواب میں مستقبل کے بارے میں اشارے ملتے ہیں۔ ۔ ۔ جو بہت سی حالتوں میں کم و بیش درست ثابت ہوتے ہیں۔ ۔ ۔ شیکسپئیر کے مشہور ڈرامے۔ ۔ جو لیئس سیزر میں یہی پریمونیشن جو لیئس سیزر کی بیوی کو خواب کی صورت میں نظر آتی ہے اور وہ پریشان ہو کر اپنے شوہر یعنی روم کے مطلق العنان حکمران جو لیئس سیزر سے کہتی ہے کہ وہ آج سینیٹ میں نہ جائے۔ ۔ اُس نے ایک بہت برا خواب دیکھا ہے۔ ۔ ۔ لیکن جو لیئس سیزر اپنی بیوی کی بات کو کوئی اہمیت نہیں دیتا اور اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق سینیٹ میں پہنچ جاتا ہے۔ ۔ ۔ اوراُسی دن جو لیئس سیزر کو سینیٹ میں قتل کر دیا جاتا ہے۔ ۔ ‘‘
’’تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ ڈاکٹر شاہد کی بات کی تصدیق کر رہے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ڈا کٹر فاروق نے کہا
’’میں تصدیق نہیں کر رہا۔ ۔ ۔ بلکہ آپ کو اپنے تجربات کی بنا پہ یہ بتا رہا ہوں کہ درحقیقت کچھ لوگوں کے ہاں یہ خداداد صلاحیت ہوتی ہے۔ ۔ ۔ کہ وہ آپ کے مستقبل کے بارے میں یا آنے والے کل کو کیا ہونے والا ہے کچھ باتیں بتا سکیں۔ ۔ ۔ ایک واقعہ میر ے سامنے کا ہے جسے آج بھی دہراتا ہوں تو کانپ اٹھتا ہوں۔ ۔ ۔ دس برس پہلے کی بات ہے۔ ۔ ۔ میں کراچی میں اپنے ایک عزیز کے ہاں گیا ہوا تھا۔ ایک دن اُن کے لان میں ہم سب بیٹھے ہوئے شام کی چائے پی رہے تھے۔ ۔ وہیں ایک صاحب بیٹھے تھے جن کے بارے میں بعد میں پتہ چلا کہ وہ دست شناسی کے ماہر ہیں۔ ۔ ۔ جن سے اُس وقت کچھ علم فلکیات اور دست شناسی کے بارے میں اسی قسم کی گفتگو ہو رہی تھی۔ ۔ ۔ وہ سگرٹ پیتے ہوئے اپنے تجربات ہمیں سنارہے تھے۔ ۔ ۔ اور ہم سب ہمہ تن گوش اُن کی باتوں کو شوق سے سُن رہے تھے۔ ۔ ۔ کہ اتنے میں ایک گیند باہر سے لان میں آ کر گری۔ ۔ ۔ کچھ دیر بعد۔ ۔ ۔ ۔ ایک سات آٹھ برس کا بچہ بھاگتا ہوا اندر آیا اور کہنے لگا۔ ۔ ۔ ‘‘
’’انکل میری بال اندر آ گئی ہے۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ہاں بیٹے یہ لو۔ ۔ ۔ یہی ہے نا تمہاری بال۔ ۔ ۔ ماہر دست شناس نے گیند کو بچے کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
اور جیسے ہی بچے نے اپنی بال لینے کو اپنا ہاتھا بڑھایا۔ ۔ ۔ اُنہوں نے اُس بچے کو اس کی گیند تھما دی۔ ۔ ۔ ۔ بچہ گیند لے کر تھینک یو انکل کہتا ہوا گیٹ سے باہر نکل گیا لیکن ماہر دست شناس کی حالت دیدنی تھی۔ ۔ ۔ اُن کے چہرے کا رنگ ایسا فق تھا۔ ۔ جیسے اچانک اُنہوں نے کوئی بھیانک خواب دیکھ لیا ہو۔ ۔ ۔
میرے عزیز فوراً اپنے دوست کی طرف لپکے۔ ۔ ۔ میں نے آگے بڑھ کر اُن کی نبض دیکھی اور اُنہیں پانی کا گلاس دیتے ہوئے پینے کا مشورہ دیا
’’بیگ صاحب۔ ۔ ۔ خیریت ہے آپ کی طبیعت تو ٹھیک ہے۔ ۔ ۔ ۔ ؟‘‘
اُن کے مُنہ سے بس یہ نکلا۔ ۔ ۔ ’’یہ بچہ کس کا ہے۔ ۔ ۔ ؟‘‘
’’بیگ صاحب۔ ۔ میں نے اسے پہلے یہاں نہیں دیکھا۔ ۔ ممکن ہے سامنے کسی گھر میں آئے ہوئے مہمانوں میں سے ہو۔ ۔ کیوں کیا بات ہے۔ ۔ ؟‘‘
’’روؤف صاحب۔ ۔ ۔ اس بچے کے ہاتھ میں لائف لائن نہیں تھی۔ ۔ ۔ ‘‘
’’جی کیا مطلب آپ کا۔ ۔ ۔ میں سمجھا نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ؟‘‘
’’ جب میں نے بچے کو اُس کی گیند تھمائی اور اُس نے گیند لینے کے لئے اپنا ہاتھ کھولا۔ ۔ ۔ تو میں یہ دیکھ کر حیران ہو گیا کہ اُس کے ہاتھ میں زندگی کی لکیر نہیں تھی۔ ۔ ۔ ‘‘
ہم سب ہی یہ سن کر ایک عجیب سی کیفیت کا شکار تھے۔ ۔ ۔ جیسے ہمارے سامنے موجود راستہ کہیں دھند میں کھو گیا تھا۔ ۔ ۔ اور خود بیگ صاحب اس بات کے بعد پریشانی کے عالم میں اُٹھ کر وہاں سے چلے گئے۔ ۔ ۔ اندھیرا ہو رہا تھا۔ ۔ ہم سب لان سے اٹھ کر اندر لاؤنج میں چلے گئے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مغرب کا وقت تھا کہ باہر سڑک پر کسی تیز رفتار گاڑی کی بریکیں لگنے کی چیختی ہوئی آواز آئی۔ ۔ ۔ خدا خیر۔ ۔ ۔ ۔ میں اور میرے عزیز روؤف دونوں ہی بھاگتے ہوئے باہر سڑک پر پہنچے وہاں ایک ہجوم جمع تھا۔ ۔ ۔ کوئی بچہ گاڑی تلے آ گیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ وہی کار بچے اور اُس کے لواحقین کو لے کر ہسپتال کی طرف چلی گئی جس کے پیچھے کچھ اور لوگ بھی اپنی اپنی گاڑیوں میں اُس کار کے پیچھے روانہ ہو گئے۔ ۔ ۔ ۔ رات کے گیارہ بجے یہ خبر ملی کہ ہسپتال پہنچنے کے باوجود بچے کی جان نہ بچائی جا سکی۔ ۔ ۔ بعد میں معلوم ہوا کہ یہ وہی بد نصیب بچہ تھا۔ ۔ ۔ جس کے بارے میں اُ س شام چند گھنٹے پہلے بیگ صاحب ہم سب کو یہ بتا کر حیران پریشان کر گئے تھے۔ ۔ ۔ کہ اس بچے کے ہاتھ میں لائف لائن نہیں تھی۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
اس بچے کی موت ایک المناک سانحہ تھا۔ ۔ ۔ ۔ اور ہم سب اس لئے بھی اس کی موت سے اداس تھے کہ بیگ صاحب کی وساطت سے ہم محض چند گھنٹے قبل یہ جان چکے تھے کہ اُس بچے کے ہاتھ میں لائف لائن نہیں ہے۔ ۔ ۔ ہمارے علاقے میں ہر گھر اُس بچے کی ناگہانی موت پہ سوگوار تھا۔ ۔ ۔ اگلے ہی دن مجھے وہاں سے واپس آ نا تھا۔ ۔ بہت دنوں تک اس واقعے کے پس منظر کے بارے میں سوچتا رہا۔ ۔ ۔ بیگ صاحب سے پھر دوبارہ ملاقات نہ ہوسکی۔ ۔ ۔ آج بھی جب کبھی یہ حادثہ یاد آتا ہے تو دماغ سوچ سوچ کر شل ہو جاتا ہے۔ ۔ ۔ لیکن کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ ۔ ۔ اب آپ بتائیں اسے ہم کیا کہیں گے۔ ۔ ۔ ۔ ؟۔ ۔ محض ایک اتفاق۔ ۔ یا در حقیقت علم غیب سے کوئی تعلق۔ ۔ ۔ ۔ ؟‘‘
ڈاکٹر فاروق جو اب تک بڑے غور سے ڈاکٹر جمال کو سنے جا رہے تھے۔ ۔ ۔ یکدم بول پڑے
’’بس کچھ اس سے ملتی جُلتی کیفیت سے آج کل میں گزر رہا ہوں۔ ۔ ۔ آپ تو جانتے ہیں میری مسز ناہید یہاں گرلز کالج میں ہسٹری کی لیکچرر ہیں۔ ۔ ۔ ہم دونوں نے مل جل کر ایک چھوٹی سی کار خریدی ہے جس سے میرا ناہید اور دونوں بچوں کے آنے جانے کا مسلۂ حل ہو گیا ہے۔ ۔ ۔ ہم دونوں اس وجہ سے خاصے مطمئن تھے۔ ۔ ۔ پہلے میں بچوں کو اُن کے اسکول اتار دیتا۔ ۔ پھر ناہید کو اُس کے کالج ڈراپ کر کے یہاں ہسپتال آ جاتا تھا۔ زندگی پہلے کے مقابلے میں قدرے آسان ہو گئی تھی۔ ۔ ۔ و رنہ بچوں کے لئے صبح کو پک اپ والے کا انتظار۔ ۔ ۔ کبھی وقت پر آیا کبھی دیر ہو گئی اور بچوں کو سکول میں دیر سے پہنچنے پر مصیبت الگ۔ ۔ ۔ اور پھر سکول انتظامیہ کی جانب سے ہماری یعنی والدین سے وضاحتیں الگ۔ ۔ ۔ ۔ پھر سکول سے واپسی پر جب تک بچے گھر واپس نہیں آ جاتے یہ تمام عرصہ ایک پریشانی اور بے قراری میں گزرتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’تو اب کیا ہو گیا۔ ۔ ۔ ؟‘‘۔ ۔ ۔ ۔ میں نے بیچ ہی میں ڈاکٹر فاروق کی بات کو کاٹتے ہوئے اُن سے پوچھ لیا اور ڈاکٹر فاروق مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہنے لگے۔ ۔ ۔
’’ ڈاکٹر شاکر۔ ۔ بس ہم اس سہولت کو بمشکل کوئی دو ماہ ہی بھر پائے ہوں گے کہ جیسے قدرت کو یہ بات اچھی نہیں لگی۔ ۔ ۔ ایک روز جب میں نے ناہید کو اُس کے کالج سے لیا تو وہ روز کی طرح خوش خوش آنے کے بجائے کچھ پریشان حال کار میں بیٹھی۔ ۔ ۔ میں نے اُس کے میگرین کی تکلیف کو پیش نظر رکھتے ہوئے خیریت معلوم کی۔ ۔ تو وہ بجھے ہوئے لہجے میں کہنے لگی میگرین نہیں ہے۔ ۔ ۔ بہت پوچھا لیکن اُس نے کچھ نہ بتایا۔ ۔ ۔ بچوں کو لے کر گھر پہنچے۔ ۔ ۔ میں خاصا پریشان تھا کیونکہ یہ ناہید کا انداز نہ تھا۔ ۔ ۔ کھانے کے بعد کئی بار کے پوچھنے پر وہ مجھ سے کہنے لگی۔ ۔ ۔ کہ مجھے کار بیچ دینی چاہیئے۔ ۔ ۔ میرے بہت پوچھنے پر اُس نے بتایا۔ ۔ ۔
’’ ہمارے ہاں ایک پروفیسر ہیں جو پڑھاتی انگریزی ادب ہیں لیکن اُن شہرت ایک دست شناس کی ہے۔ ۔ ۔ نجانے کیوں کل میں بھی اُن کے پاس ا پنا ہاتھ دکھانے پہنچ گئی تھی۔ ۔ ۔ میرے ہاتھ کو دیکھ کر وہ اک دم چپ سی ہو گئیں۔ ۔ ۔ پھر کہنے لگیں۔ ۔ ۔ آپ نے کار خریدی ہے۔ ۔ ۔ ؟ یہ آپ کی فیملی کو سوٹ نہیں کرے گی۔ ۔ بلکہ آپ کے شوہر کی جان کو اس سے خطر ے کا امکان ہوسکتا ہے۔ ۔ ۔ میرا مشورہ ہے آپ یہ کار فوراً بیچ دیں۔ ۔ ۔ ‘‘
’’اپنی بیوی کی اس بات کو سُن کر میں ہنسا اور کہنے لگا کہ ظاہر ہے اُنہوں نے تمہیں اپنی نئی کار میں سے اترتے بیٹھتے کئی مرتبہ دیکھا ہو گا۔ ۔ ۔ لہذا یہ تو اُن کے علم میں ہے۔ ۔ ۔ رہ گئی بات کہ یہ ہمیں یا ہماری فیملی کو سوٹ نہیں کرتی۔ ۔ ۔ تو تم خود ہی دیکھ لو کہ اس کے آنے سے ہماری مشترکہ مشکلات کس قدر کم ہو گئی ہیں۔ ۔ ۔ باقی تم میری طرف سے فکر نہ کرو۔ ۔ نہ میں تیز رفتار ڈرائیور ہوں نہ اتنا نوجوان کہ کار دیکھ بھال کے نہ چلاؤں۔ ۔ ۔ اور ویسے بھی میں دست شناسی اور ستاروں کے علم کو کوئی زیادہ اہمیت نہیں دیتا۔ ۔ ۔ اگر تمہیں یاد ہو تو شاید کسی ایسے ہی موقع کے لئے علامہ فرما گئے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔

ستارہ کیا میری تقدیر کی خبر دے گا
وہ خود فراخی افلاک میں ہے خار و زبوں۔ ۔

لیکن میرے بے حد سمجھانے کے باوجود ناہید نے میری بات سے اتفاق نہیں کیا۔ ۔ ۔ کئی روز سے کالج نہیں گئی۔ ۔ ۔ کھانے پینے میں بھی دلچسپی نہیں لے رہی۔ ۔ ۔ آجکل اُس کی رات کی نیندڈسٹرب ہے۔ ۔ ۔ بچے الگ پریشان ہیں اور میری حالت تو آج آپ نے دیکھ ہی لی ہے۔ ۔ ۔ میں در اصل اسی حوالے سے آپ سے بات کر رہا تھا۔ ۔ ۔ جب کہ آپ یہ سمجھے کہ میں شاید آپ سے اختلاف کر رہا ہوں۔ ۔ ۔ حالانکہ میں چاہتا ہوں کہ آپ اس سلسلے میں میری مدد کریں۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
ڈاکٹر فاروق کی کہانی سُننے کے بعد ہم تینوں ایسے چپ ہو گئے تھے۔ ۔ ۔ جیسے ہم سب کو یہ خوف ہو کہ کہیں باہر کھڑے ہوئے لوگ ہماری بات چیت نہ سن لیں۔ ۔ ۔ جبکہ صحیح معنوں میں ڈاکٹر جمال موجودہ صورت حال کے بعد خاصے سنجیدہ ہو گئے تھے۔ ۔ ۔ کہ میں بیچ میں بول پڑا
’’کیا یہ منا سب نہ ہو گا کہ بھابی کو آپ یہاں ڈاکٹر جمال کے پاس لے آئیں۔ ۔ ۔ اور یہ باقاعدہ طور پر اُن کا نفسیاتی علاج کریں۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ میں خود بھی یہی چاہتا ہوں۔ ۔ ۔ ‘‘ڈاکٹر فاروق نے میری تائید کرتے ہوئے کہا
لیکن ڈاکٹر جمال کچھ توقف کے بعد بولے۔ ۔ ۔ ۔ ۔
’’میرے خیال میں بہتر یہ رہے گا کہ میں اور ڈاکٹر شاکر آج یا کل کسی وقت آپ سے طے کر کے۔ ۔ آپ کے ہاں ایسے ہی ملنے آ جاتے ہیں۔ ۔ ۔ وہاں چائے پیتے ہوئے آپ بھابی کے سامنے یہ ذکر مجھے سنانے کو چھیڑ دیجئے گا۔ ۔ باقی میں نمٹ لوں گا۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
ڈاکٹر فاروق اس مشورے پر خاصے مطمئن نظر آئے۔ ۔ ۔ صبح کے واقعے کے بعد سے پہلی بار میں نے اُن کے چہرے کو کسی حد تک پرسکون دیکھا۔ ۔ ۔
اگلے روز ہم ڈاکٹر فاروق سے طے شدہ وقت کے مطابق اُن کے ہاں سوا پانچ بجے پہنچ گئے۔ ۔ ۔ اُن کے ڈرائنگ روم میں ہمیں بیٹھے بمشکل پندرہ بیس منٹ ہوئے ہوں گے کہ مسز فاروق چائے کے لوازمات ٹرالی میں سجائے ڈرائنگ روم میں داخل ہوئیں۔ ۔ ۔ وہ ہما رے لئے چائے بنا رہی تھیں۔ ۔ ۔ ادھر میں ابھی یہی سوچ رہا تھا کہ دیکھیں اب ڈاکٹر جمال کس طرح اس صورت حال سے نمٹتے ہیں۔ ۔ ۔ کہ ڈاکٹر جمال نے چائے کی پیالی اٹھاتے ہوئے ماہر نفسیات کے انداز میں مسز فاروق کو پہلے تو نئی کار کی مبارک باد دی اور ساتھ ہی اُن کے چہرے کو دیکھتے ہوئے بولے۔ ۔ ۔ ۔ ۔
’’ مجھے ایسا لگتا ہے کہ آپ کئی راتوں سے مکمل نیند نہیں لے سکی ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
ادھر مسز فاروق بس جیسے اسی موقع کی منتظر تھیں۔ ۔ ۔ یکدم روتے ہوئے کہنے لگیں۔ ۔ ۔
’’ بھائی صاحب۔ ۔ ۔ آپ ہی انہیں سمجھائیں۔ ۔ ۔ میں تو کہہ کہہ کر تھک گئی ہوں۔ ۔ ۔ کہ یہ اپنی کار بیچ دیں۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ لیکن ہم تو آج آپ کو در اصل نئی کار کی مبارکبا ددینے آئے تھے۔ ۔ ۔ اور آپ اسے بیچنے کا کہہ رہی ہیں۔ ۔ ۔ خیریت توہے۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
’’انہوں نے تو آپ کو نہیں بتا یا ہو گا۔ ۔ ۔ میں بتاتی ہوں۔ ۔ ۔ دراصل ہمارے کالج میں ایک پروفیسر سعیدہ ہیں جن کی شہرت دست شناس کی ہے۔ ۔ دور و نزدیک کے شہروں سے بھی لوگ اُنہیں اپنا ہاتھ دکھانے آتے ہیں۔ وہ کسی سے اس کا معاوضہ نہیں لیتیں۔ بس اُس دن نجانے میں کیوں اپنا ہاتھ د کھانے اُن کے پاس چلی گئی
’’تو اُنہوں نے آپ کے ہاتھ کو دیکھ کر کیا کہہ دیا۔ ۔ ۔ ؟‘‘
۔ ۔ ۔ ۔ ڈاکٹر جما ل نے انتہائی پر سکون انداز میں چائے پیتے ہوئے مسز فاروق سے پوچھا جیسے وہ اس معاملے کے بارے میں بالکل بے خبر ہوں۔ ۔ ۔
’’پروفیسر سعیدہ نے میرے ہاتھ کو دیکھ کر کہا تھا۔ ۔ ۔ کہ آپ کو نئی کار سوٹ نہیں کرے گی۔ ۔ ۔ بلکہ اس سے آپ کے شوہر کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ ۔ ۔ ‘‘
یہ کہتے ہوئے وہ ایسے بلک بلک کر رونے لگیں جیسے کوئی چھوٹی سی بچی ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ڈاکٹر جمال نے اُنہیں تسلی دیتے ہوئے کہا۔ ۔
’’گھبرایئے نہیں۔ ۔ ۔ مجھے بس یہ بتائیں کہ آپ کا ہاتھ دیکھنے والی ذرا قد کی لمبی سانولے رنگ کی گولڈن فریم کی عینک لگائے ہوئے انگریزی کی پرو فیسر تو نہیں۔ ۔ ۔ اگر میں غلط نہیں اور یہ وہی ہیں تو وہ تو میرے علاج میں رہ چکی ہیں۔ ۔ ۔ سنا ہے اچھی استاد ہیں۔ ۔ ۔ لیکن جب وہ میرے زیر علا ج تھیں تو اُن کی شخصیت کا یہ جوہر مجھ پر نہیں کھلا تھا۔ ۔ ۔ بہر حال آپ مطمئن رہیں۔ ۔ جیسا آپ چاہیں گی ویسا ہی ہو جائے گا۔ ۔ ۔ لیکن کیا آپ مجھے اپنا ہاتھ دکھا نا پسند کریں گی۔ ۔ ۔ ۔ ؟کسی حد تک دست شناسی سے میں بھی وا قف ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
ڈاکٹر جمال کی باتوں نے جیسے مسز فاروق پر جادو کر دیا تھا۔ ۔ ۔ وہ اپنا ہاتھ پھیلا کر ڈاکٹر جمال کے پاس بیٹھ گئیں۔ ۔ ۔ ادھر میں اور ڈاکٹر فاروق بھی ڈاکٹر جمال کو غور سے دیکھے
جا رہے تھے اور میں مسلسل یہی سو چ رہا تھا کہ دیکھیں اب پردہ غیب سے کیا ظہور میں آتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ؟ تب ڈاکٹر جمال نے مسز فاروق کے ہاتھ کو دیکھتے ہوئے بڑے اعتماد سے بولنا شروع کیا۔ ۔ ۔
’’مسز فاروق۔ ۔ ۔ آپ اپنے طالب علموں میں خاصی مقبول ہیں۔ ۔ ۔ اور ایک اچھے استاد کی شہرت رکھتی ہیں۔ ۔ ۔ مجھے نہیں معلوم کہ آپ کون سا مضمون پڑھاتی ہیں لیکن پرانے وقتوں کی داستانوں اور واقعات پر آپ کو خاصا عبور حاصل ہے بلکہ شاید تاریخ کے مضمون سے آپ کو خاصی دلچسپی ہے۔ ۔ ۔ ۔ یہ کہنا عجیب ہو گا لیکن آپ کا ہاتھ بتا رہا ہے کہ آپ اپنے شوہر کے لئے بہت پزسیسو ہیں۔ ۔ ۔ جبکہ میرے خیال میں ہمارے ہاں ہر محبت کرنے والی بیوی ایسی ہی ہوتی ہے۔ ۔ ۔ یعنی اس معاملے میں آپ اپنی کار کو بھی اپنے اور اپنے شوہر کے مابین ایک حد فاصل سمجھنے لگی ہیں۔ ۔ ۔ مجھے آپ کے ہاتھ میں ایسی کوئی بات نظر نہیں آ رہی کہ میں آ پ کو کار فروخت کرنے کا مشورہ دوں۔ ۔ ۔ بلکہ میں یہ مشورہ ضرور دو ں گا کہ آج کے بعد ڈاکٹر فاروق کے بجائے کار آپ کے تصرف میں رہے گی۔ ۔ ۔ یعنی آپ فاروق کو ہسپتال چھوڑیں گی اور پھر واپسی میں انہیں اور اپنے بچوں کو پک اپ کرنے کی ذمے داری بھی آپ کی ہو گی۔ ۔ ۔ یعنی آپ کی کار بھی آپ کے پاس رہے گی۔ ۔ ۔ اور جس خطرے کی باعث آپ آجکل پریشان ہیں وہ بھی نہیں رہے گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کہیئے اب آپ کا کیا خیال ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟‘‘
لگتا تھا جیسے ڈاکٹر جمال نے منزل مار لی تھی۔ ۔ ۔ مسز فاروق بھی اپنے چہرے سے خاصی پر سکون نظر آ رہی تھیں۔ ۔ ۔ فاروق بھی مطمئن دکھائی دیتے تھے۔ ۔ ۔ اور مسز فاروق نے جیسے ڈاکٹر جمال کی باتوں سے اتفاق کر لیا تھا۔ ۔ ۔ اس کے بعد ہم کچھ دیر اور ڈاکٹر فاروق کے ہاں بیٹھے اور چائے پینے کے بعد دونوں میاں بیوی کو ایک حد تک آسودہ چھوڑ کر چلے آئے۔ ۔ ۔ ۔
کئی ماہ گزر گئے۔ ۔ اس دوران جب بھی ڈاکٹر فاروق سے ملاقات ہوئی۔ ۔ ۔ وہ پہلے سے کہیں زیادہ مطمئن نظر آئے۔ ۔ ۔ ایک دن راستے میں مجھے ملے تو میں نے مسکراتے ہوئے اُن سے خیریت دریافت کی۔ ۔ ۔ ۔ اور اُن کی کار کے بارے میں بھی پوچھ بیٹھا۔ ۔ جس پر وہ کہنے لگے۔ ۔ ۔
’’ ڈاکٹر شاکر۔ ۔ ڈاکٹر جمال نے تو میر ا معاملہ ہی آسان کر دیا ہے۔ ۔ ۔ نہ اب مجھے پہلے کی طرح کار ڈرائیو کرنے کی ٹینشن رہی۔ ۔ ۔ نہ کوئی اور غم۔ ۔ اور پھر ناہید بھی اب کار کی فکر سے بے نیاز ہو گئی ہیں۔ ۔ ۔ اب و ہ خود کار چلاتی ہیں بچوں کو اور مجھے ڈراپ کرتی ہیں۔ ۔ ۔ اسی طرح واپسی میں مجھے ہسپتا ل سے لیتے ہوئے بچوں کو اُن کے اسکول سے پک اپ کر کے گھر لے جاتی ہیں۔ ۔ اور بس خوش ہیں۔ ۔ ۔ ۔
’’چلیں اس سے بہتر اور کیا بات ہو گی۔ ۔ ۔ ہم خرمہ و ہم ثواب۔ ۔ ۔ ‘‘میں نے کہا۔ ۔ ۔
ٹی روم گئے ہوئے ایک عرصہ ہو گیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ادھر کئی دنو ں سے ڈاکٹر جمال سے بھی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ ۔ ۔ کہ وہ ذہنی امراض کے کسی سیمینار میں شرکت کرنے شہر سے باہر گئے ہوئے تھے۔ ۔ ۔ اُس دن جب ٹی روم پہنچا تو وہا ں ہمیشہ کی طرح ایک بحث زوروں پر تھی۔ ۔ ۔ لیکن آج بحث کا موضوع سیاسی نوعیت کا تھا۔ ۔ ۔ ڈاکٹر شاہد میرے سامنے بیٹھے ہوئے خاموشی سے چائے پی رہے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ڈاکٹر فاروق ٹی روم میں دکھائی نہ دیئے۔ ۔ ۔
ٹی روم ایک طرح سے دیکھا جائے تو وقت گزاری کا وسیلہ ہی نہیں بحث کرنے والوں کے لئے ایک قسم کا اکھاڑہ سمجھیں۔ ۔ ۔ جہاں پہلوانوں کی طرح جسم کا زور دکھانے کے بر عکس زبان کا زور دکھانے والوں کا اجتماع رہتا ہے۔ ۔ ۔ وہ حضرات جنہیں بحث کئے بغیر روٹی ہضم نہیں ہوتی۔ ۔ ۔ اُنہیں ٹی روم میں چائے بیشک نہ ملے۔ ۔ لیکن وہ ٹی روم جانا نہیں چھوڑ سکتے۔ ۔ ۔
گھر پہنچنے پر علم ہوا کہ بیگم کہیں گئی ہوئی ہیں۔ ۔ ۔ بچے اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے۔ ۔ ۔ تنہائی میں کھا نا کھا کر اپنی عادت کے مطابق میں کچھ دیر کے لئے لیٹ گیا۔ ۔ ۔ لیکن طبیعت پہ ایک بوجھ کے باعث آنکھ نہ لگی۔ ۔ ۔ اُدھر بیگم بھی واپس نہیں آئی تھیں۔ ۔ ۔ میں اسی انتظار میں تھا کہ وہ آئیں تو واک کے لئے نکلوں۔ ۔ ۔ کہ فون کی گھنٹی بجنی شروع ہو گئی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ریسیور اٹھا یا۔ ۔ ۔ تو دوسری طرف سے ہسپتا ل کی ایکسچینج کا آپر یٹر بول رہا تھا۔ ۔ ۔
’’ ڈاکٹر صاحب۔ ۔ میں جاوید بول رہا ہوں۔ ۔ ۔ آج کوئی تین بجے ڈاکٹر فاروق کی کار کا ایکسیڈینٹ ہو گیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جس میں کار میں پچھلی سیٹ پر بیٹھے ہوئے دو بچے اور کوئی بزرگ خاتون زخمی ہوئے تھے جو ہسپتال میں داخل ہیں۔ ۔ ۔ ڈاکٹر فاروق اور اُن کی بیگم موقع پر ہی ہلا ک ہو گئے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
میں ایک سکتے کے عالم میں تھا۔ ۔ ۔ ادھر آپریٹیر مجھ سے بار بار پوچھے جا رہا تھا۔ ۔ ۔
’’ہیلو۔ ۔ ہیلو۔ ۔ ۔ ڈاکٹر صاحب آپ سن رہے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ایم ایس صاحب نے سب ڈاکٹروں کو اطلاع دینے کے لئے کہا تھا۔ ۔ ۔ ‘‘
ریسیور میرے ہاتھ میں تھا۔ ۔ ۔ چند روز پہلے ڈاکٹر فاروق سے ہونے والی ملاقات مجھے یاد آ رہی تھی۔ ذہن میں ڈاکٹر شاہد کا پیشین گوئی کا تصور اور۔ ۔ ڈاکٹر جمال کی پریمونیشن تھیوری آ پس میں خلط ملط تھیں۔ ۔ ۔ اس کنفیوزن میں بس ایک خیال طلوع ہو رہا تھا۔ ۔ ۔ کیا دست شناس پروفیسر سعیدہ کی پیش بینی کا اس بات سے کوئی ربط تھا۔ ۔ ۔ ؟
٭٭٭

پنڈت جی اور بھگوان

سرور عالم راز

پنڈت بھارتی کرشنؔ جی سڑک کے دوسری طر ف کار کھڑ ی کر کے بریف کیس ہاتھ میں لئے جب میری کار کی جانب بڑھے تو ضرورت سے کچھ زیادہ ہی خوش نظر آ رہے تھے۔ یوں تو وہ عادتاً ہمیشہ مسکراتے ہی رہتے تھے مگر آج ان کی مسکراہٹ میں شادابی زیادہ دکھائی دے رہی تھی جیسے کچھ کوئی کھوئی ہوئی چیز مل گئی ہو۔ چال بھی آج زیادہ متوالی تھی، مونڈھے دائیں بائیں ڈول رہے تھے اور موٹے فریم کے پیچھے ان کی سیاہ بڑی بڑی آنکھیں خوب چمک رہی تھیں۔ انہوں نے اپنا بریف کیس کار کی پچھلی سیٹ پر سنبھال کر رکھا اور خود میرے برابر اگلی سیٹ پر بیٹھ گئے۔
’ گڈ مارننگ راجؔ ساب!‘ انہوں نے حسب معمول بڑے تپاک سے کہا۔
’ گڈ مارننگ پنڈت جیؔ ! کہیے کیا سماچار ہیں ؟‘ میں نے بھی مسکرا کر جواب دیا۔
وہ نہایت اطمینا ن سے بولے ’سب شبھ سماچار ہے بھائی ساب! پریوار اچھا ہے۔ بچے بھی مجے میں ہیں۔ سنیچر اتوار کشل منگل سے گُجر گئے اور اب سوموار سے پھر وہی چاکری کا چکر ہے۔ ویسے بھگوان کی بڑی دیا ہے اور سچ پوچھئے تو چاہئے بھی یہی!‘۔ ان کے چہرہ مہرہ سے سکون قلب ظاہر ہو رہا تھا جو ان کی سیدھی سادی باتوں میں بھی اتر آیا تھا۔
’ بالکل سچ کہہ رہے ہیں آپ پنڈت ؔ جی!‘ میں نے کار اسٹارٹ کر کے دفتر کی جانب سڑک پر اس کو بڑھاتے ہوئے کہا۔ ’ بھگوان کی مہربانی نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ رہ گیا سوموار تو وہ بھی ضروری ہے۔ نوکری بنا کام کیسے چلے گا ؟ بل بھی تو ادا کرنے ہیں پنڈت ؔ جی!‘
’ یہ بات تو سولہ آنے سچ ہے راجؔ ساب! پرنتو یہ تو ہے کہ شنیوار اور اتوار گھر میں مجے سے آرام کر لو تو سوموار کو نوکری پر جانا کھلتاتو جرور ہی ہے!‘ پنڈت ؔ جی آج بھاشن دینے کے موڈ میں دکھائی دے رہے تھے۔
میں نے پینترا بدل کر کہا ’ جی! ویسے پنڈتؔ جی! آج آپ بڑے خوش دکھائی دے رہے ہیں ! کیا بات ہے آخر؟ کیا کلپناؔ بھابھی سنیچر اتوار میں کچھ زیادہ مہربان رہی ہیں ؟‘
میری چٹکی پر پنڈتؔ جی اپنی مخصوص کھنکھنا تی ہوئی ہنسی سے تھوڑی دیر کے لئے بے حال ہو گئے۔ پھر جیب سے رومال نکال کر آنکھیں پوچھتے ہوئے بولے ’آپ تو کمال کرتے ہیں راج ؔ ساب! اب اس بڑھاپے میں کیا مہربانی ہو گی! گھر میں دو بچے ہیں اور سر پر دنیا کا یہ مایا جال چھایا ہوا ہے۔ ایک پھکر جاتی ہے تو دوسری آ جاتی ہے۔ وہ مہربانی والے دن تو ہوا ہو گئے بھائی ساب! اب جندگی میں پہلا جیسا مجا کہاں رہ گیا ہے؟ وہ تو جوانی دیوانی کے ساتھ احمد آباد کے کیماڑی پارک میں ہی رہ گیا!‘ کار میں ان کی ہنسی پھر کھنکھنائی۔
پنڈتؔ بھارتی کرشن جی ہنستے ہوئے بہت اچھے لگتے تھے۔ گول ہشاش بشاش چہرہ پر چوڑی پیشانی کے اوپر سجے ہوئے سیاہ گھنیرے بال ان کی ہنسی کے ساتھ ادھر ادھر لہراتے اور آنکھوں کی چمک کچھ اور بڑھ جاتی۔ انہیں ہنستا دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ہنسنا بھی ایک آرٹ ہو جو ہر ایک کے بس کا نہیں ہے۔ ان کی ہنسی میں سننے والے کا دل شامل ہونے کے لئے بے اختیار مچل جاتا تھا۔
میں نے سڑک سے ایک لمحہ کو نگاہیں ہٹا کر پنڈتؔ جی کی جانب دیکھا۔ میں ان کی بھولی بھالی معصوم طبیعت سے بخوبی واقف تھا۔ وہ جب موڈ میں ہوتے تو بڑے پتہ کی باتیں کھول کھول کر بیان کرجاتے تھے۔ اس طرح ان کے منھ سے ’اندرونِ خانہ‘ والی باتیں بھی بعض اوقات نکل جاتی تھیں ! بعد میں یار لو گ جب بھری محفل میں ان باتوں کو چٹخارے لے لے کراور ان میں اپنی طرف سے مزید نمک مرچ ملا کر بیان کرتے تو پنڈتؔ جی گھبرا گھبرا کر ان کو بڑی بیچارگی سے دیکھا کرتے تھے۔ لوگ کہتے تھے کہ اپنی ہی لنکا ڈھانے کے لئے پنڈتؔ جی کو کسی اور گھر کے بھیدی کی کوئی بھی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ خود اس کام کے لئے بہت کافی تھے! بالکل بے ضرر انسان تھے۔ ہر ایک پر بہت جلدی بھروسہ کر لیتے اور پھر دھوکہ کھانے کے بعد مجھ سے یا کسی اور دوست سے دبی دبی زبان میں شکایت کرتے۔ مگر ایسا کبھی نہیں ہوا کہ وہ سخت سست کہنے پر اتر آئے ہوں یا ایک دو مرتبہ دھوکا کھانے کے بعد سبق سیکھ کر ہوشیار ہو گئے ہوں۔ گرم دودھ سے وہ جانے کتنی بار جل چکے تھے لیکن پھر بھی چھاچھ تو کیا وہ اسی گرم دودھ کو بھی پھونک پھونک کر نہیں پیتے تھے!
میں نے جوانی دیوانی اور کیماڑی پارک میں پنڈتؔ جی کی گم گشتہ یادوں کا ذکر سنا تو خاموش نہ رہا گیا۔ ’کون سا کیماڑی پارک پنڈتؔ جی؟کیا جوانی کا قصہ یاد آ گیا آپ کو؟‘
’ ارے راج ؔ ساب! آپ کو کیا بتائیں ! آپ تو گجرات کی ترپھ کبھی گئے ہی نہیں ہیں۔ احمد آبادؔ میں ایک پارک ہے کیماڑی پارک۔ بڑے ہی مجے کی جگہ ہے ساب! سہر بھر کے کالج کے لڑکے ا ور لڑکیاں وہاں روجانہ گھومنے گھمانے آتے ہیں۔ وہیں کالج کے دنوں میں میری بھینٹ کلپنا جیؔ سے ہو گئی تھی۔ پھر ہم لوگ سال بھر گھر والوں سے چھپ چھپ کر وہاں ملتے رہے اور اپنے ماں باپ تک من کی بات پہنچانے کے بہانے بھی ڈھونڈتے رہے۔ بس بھگوان کی کرپا سے بات کسی طرح سے بن ہی گئی اور ہماری سادی بھی ہو گئی۔ کیا مجے کا سمے تھا وہ بھی!‘ پنڈتؔ جی ایک ہی سانس میں ساری رام کہانی کہہ گئے۔
میں نے مسکرا کر پھر چٹکی لی : ’تو یہ بات ہے پنڈتؔ جی! ارے آپ تو پرانے پاپی نکلے بھائی! کلپناؔ بھابھی سے آپ کا عشق تو بڑا پرانا معلوم ہوتا ہے۔ جبھی تو میں کہوں کہ آپ ان کے ایسے دیوانے کیوں ہیں ! آ پ تو پرانے مجنوں نکلے پنڈتؔ جی!‘
پنڈتؔ جی کچھ گھبرا سے گئے اور سٹپٹا کر بولے : ’راجؔ ساب ! وہ جوانی کاجمانہ جرور تھا اور ہم دونوں آپس میں ملتے جلتے بھی تھے پرنتو صرف بات چیت ہی کے لئے۔ آپ کچھ اور نہ سمجھ لیجئے گا بھائی ساب!‘ ان کے لہجہ سے لجاجت ٹپک رہی تھی۔
میں نے ان کودلاسہ دیتے ہوئے جواب دیا : ’ارے نہیں پنڈتؔ جی! آپ بھی کیا بات کر رہے ہیں۔ میں تو آپ کے بارے میں کوئی ایسی ویسی بات سوچ بھی نہیں سکتا ہوں۔ آپ کوئی فکر نہ کریں۔ ‘
پنڈتؔ جی مطمئن ہو کر مسکرائے اور کار کے ٹیپ پلیئر میں غزلوں کے ٹیپ لگانے میں مصروف ہو گئے۔
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
پنڈت بھارتی کرشن اور میں مقامی بجلی گھر میں انجینئر تھے۔ ان کے ساتھ تھوڑا سا کام کر کے ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ انہیں انجینئرنگ تو خیر واجبی سی ہی آتی تھی، البتہ سیاست، ساتھیوں اور افسروں کی ماہرانہ خوشامد، پارٹی بازی وغیرہ کے ہنر ان کو خوب آتے تھے اور در اصل انہیں کے سہارے وہ نوکری میں وقت بھی کاٹ رہے تھے۔ طبیعت کے اس قدر اچھے اور بات چیت کے اتنے میٹھے تھے کہ ان کا ہر ملنے والا اگر ان سے خوش نہیں تھا تو نا خوش بھی نہیں تھا۔ معلوم نہیں وہ انجینئرنگ سے اتنا نا واقف ہونے کے با وجود امریکہؔ کیسے آ گئے تھے اور ان کو ملازمت کس نے دے دی تھی۔ کام تو وہ اپنے دوسرے ساتھیوں سے پوچھ پاچھ کر کسی نہ کسی طرح کر ہی لیتے تھے البتہ ان کو اکثر یہ نہیں معلوم ہوتا تھا کہ انہوں نے کیا کام کیا ہے! ایک مرتبہ خود ہی اپنی مشہور معصومیت کی جھونک میں انہوں نے مجھ سے کہا تھا : ’راجؔ ساب! میں نے ٹیکساس پروپھیشنل انجینئرنگ (Professional Engineering)لائسنس کی درکھاست لگائی تھی پرنتو بورڈ نے اس کو منجور نہیں کیا تھا۔ ‘
’کیوں پنڈتؔ جی، کیوں منظور نہیں کی انہوں نے آ پ کی درخواست؟‘ میں نے پوچھا تھا۔
’ جی بھائی ساب! بورڈ کہتا ہے کہ ہم تو اس یونی ورسٹی کو ہی نہیں جانتے جہاں سے تم ڈگری لائے ہو. ‘ وہ سوکھا سا منھ بنا کر بولے۔
’ آپ کے پاس ہے کون سی یونی ورسٹی کی ڈگری ؟‘ میں نے کچھ حیرت سے پوچھا۔
تھوڑی دیر کی خاموشی کے بعد پنڈتؔ جی نے کہا : ’راج ؔ ساب! آ پ کو تو بھارت کا حال معلوم ہی ہے کہ سب چلتا ہے۔ پیسے سے سب کام ہو جاتا ہے۔ ہم بھی ایک نَکلی یونیورسٹی سے ڈگری کھرید لائے تھے۔ اس جمانے میں امریکن ایمبسی ویجا دینے میں جیادہ جانچ پڑتال نہیں کرتی تھی۔ سو ہم بھی یہاں آ گئے۔ پھر آپ جیسے کسی سجن دوست نے نوکری دلوا دی اور اب آپ لوگوں کی مدد سے گاڑی چل رہی ہے۔ ‘
میں نے زیادہ کریدنا مناسب نہیں سمجھا۔ ان کی گاڑی چل رہی تھی تو اس میں اڑنگا لگانے کی بھلا مجھ کو کیا ضرورت تھی؟ میں کوئی خدائی فوجدار تو تھا نہیں کہ ان کی پول کھول کر ان کی نوکری کے پیچھے پڑ جاتا۔ میں ان کی معصومیت سے خوب واقف تھا۔ البتہ یہ بات اب تک ایک راز ہی تھی کہ وہ اپنی حماقتوں کے با وجود نوکری پر قائم کیسے رہ گئے تھے؟ ان کی معصوم حماقتوں کے قصے لوگوں میں مشہور تھے اور میں بھی ان کو بھگت چکا تھا۔ ایک دن تو انہوں نہایت ہی پرلطف بات کہی تھی۔ آپ بھی سن لیں اور مزا لے لیں۔
ہوا یوں کہ ایک دن پنڈتؔ جی میری کار میں بیٹھے دفتر جاتے ہوئے مشہور پاکستانی غزل نواز غلام علیؔ کی غزلوں کا ایک ٹیپ سن رہے تھے۔ ایک غزل سنانے سے پہلے غلام علیؔ نے کہا کہ: ’اب میں آ پ کو ایک چھوٹی بحر کی غزل سناتا ہوں ‘ اور اس کے بعد انہوں نے غزل سنائی :
غم ہے یا خوشی ہے تو میری زندگی ہے تو
دوستوں کے درمیاں وجہ دوستی ہے تو
غزل ختم ہوئی تو پنڈتؔ جی نے مجھ سے بڑی معصومیت سے مخاطب ہو کر کہا: ’راج ؔ ساب! ’چھوٹی بہن‘ پھلم تو ہم نے بھی دیکھی تھی مگر اس میں تو یہ گجل نہیں تھی!‘
ان کی اس بات پر بے اختیار میری ہنسی نکل پڑی اور پنڈت ؔ جی اس کے دوران میرا منھ حیرت سے تکتے رہے! جب میرے پیٹ میں سانس سمایا تو میں نے بیچارے پنڈتؔ جی کو ’چھوٹی بحر‘ اور ’چھوٹی بہن‘ کا فرق سمجھانے کی ناکام کوشش کی۔ ناکام اس لئے کہہ رہا ہوں کہ حالانکہ وہ میری باتوں پر بڑی سنجیدگی سے سر ہلاتے رہے مگر ان کی سیاہ آنکھوں کی سراسیمگی اور پیشانی کی نمی چغلی کھا رہی تھیں کہ ان کے پلے کچھ نہیں پڑا تھا۔ اور آج پنڈت ؔ جی میری کار میں بیٹھے ہوئے پھر دفتر جا رہے تھے!
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
میں اپنے خیالوں میں گم سڑک کی ٹریفک سے تقریباً بے خبر اور اس سے غیر شعوری طور سے بچتا بچاتا کار چلا رہا تھا اور پنڈتؔ جی بظاہر ٹیپ پر غزل سن رہے تھے۔ اور بہت سی چیزوں کی طرح کار چلانا بھی ایک عادت ہے۔ مدت تک چلاتے رہیئے تو پھر ٹریفک اور گرد و پیش کا احساس بھی کم ہو جاتا ہے اور بعض اوقات منزل مقصود پر پہنچ کر ڈرائیور کو یہ بھی یاد نہیں رہتا کہ کون سے راستہ سے وہ وہاں پہنچا ہے۔ میں ابھی آدھے راستہ پر ہی تھا کہ پنڈت ؔ جی نے اچانک ہاتھ بڑھا کر ٹیپ بند کر دیا۔ غلام علیؔ یکایک اس طرح خاموش ہوئے تو میں بھی چونک پڑا۔
’ کیوں پنڈتؔ جی کیا بات ہے؟ ٹیپ کیوں بند کر دیا؟ غزل پسند نہیں آئی کیا؟‘ میں نے پوچھا۔
چشمہ ناک پر اوپر کھسکاتے ہوئے انہوں نے کچھ سوچ کر کہا : ’نہیں راجؔ ساب! ایسی تو کوئی بات نہیں ہے۔ یوں ہی ایک کھیال من میں اچانک آ گیا۔ سوچا کہ آپ سے اس پر کچھ بات کروں۔ ‘
میں نے ان کو سوالیہ نظروں سے دیکھا۔ کار میں بیٹھتے وقت وہ جتنے خوش اور مطمئن نظر آئے تھے، اس وقت اسی قدر فکر مند اور اداس دکھائی دے رہے تھے۔ کچھ دیر وہ خاموشی سے کار سے باہرسڑک کو گھورتے رہے اور پھر بولے : ’راجؔ ساب! پتہ نہیں کئی دن سے یہ کھیال کیوں رہ رہ کر من کو بے چین کر رہا ہے۔ میں روج سویرے اٹھ کر اشنان کرتا ہوں اور پھر بھگوان کی پوجا کرتا ہوں۔ اتنی عمر گجر گئی لیکن آج تک میں نے بھگوان کو دیکھا نہیں۔ وہ ہے بھی کہ نہیں ؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ اتنے سال میں یونہی بیکار ہی مورتی کے سامنے اپنا سمے برباد کرتا رہا ہوں ؟ بھلا یہ کیسے پتہ چل سکتا ہے کہ بھگوان ہے ؟ آپ ہی بتائیے کہ بھگوان کو کس طرح دیکھا جا سکتا ہے؟‘
پنڈت بھارتی کرشن ؔ جی کے اس بیڈھب سوال نے مجھ کو حیرت میں ڈال دیا۔ یہ وہی پنڈتؔ جی تھے جو میرے گھر میں آتے تو ڈرائنگ روم میں دیوار پر آویزاں میرے مرحوم والدین کی تصویروں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر عقیدت سے پرنام کرنے کھڑے ہو جاتے تھے کیونکہ ان کو ان تصویروں میں اپنے بزرگوں کی پرچھائیں نظر آتی تھی۔ ان کی اس عجیب سے سوال کا میرے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔
یوں ہی بات بنانے کی خاطر ان سے پوچھا: ’کیوں پنڈت ؔ جی ! آج صبح سویرے گھر سے نکلتے ہوئے آپ نے کیا دیکھا اور کیا کیا جو ایسا سوال آپ کے دل میں آیا؟‘
’ کچھ بھی تو نہیں راجؔ ساب! وہ میرا ننھا بیٹا راجیشؔ روج میرے ساتھ اٹھ جاتا ہے اور درواجے تک مجھ کو چھوڑنے آتا ہے۔ آج بھی آیا تھا۔ میں اس کو گود میں لے کر پیار کر کے آپ کی طرف چلا آیا۔ اور بس!‘ انہوں نے بڑی سادگی سے کہا۔
اور مجھ کو ایسا محسوس ہوا جیسے میری آنکھیں کسی نے کھول دی ہوں۔ چاروں جانب مجھے روشنی ہی روشنی نظر آ رہی تھی۔
میں نے ان سے کہا : ’پنڈت ؔ جی! حیرت ہے کہ آپ روزانہ صبح اپنے ننھے بیٹے کو گود میں لے کر پیار کرتے ہیں اور ا س کو دیکھتے ہیں، پھر بھی آپ کو آج تک بھگوان نہیں دکھائی دئے! ارے بھائی، آپ نے اپنے بیٹے کو دیکھا تو بھگوان کو دیکھ لیا! سچ کہئے کیا بھگوان کی مہا مایا آپ کے معصوم بچے کے پیار سے زیادہ پیاری ہے؟‘
میرا یہ کہنا تھا کہ پنڈتؔ جی کا چہرہ پہلے فق ہوا اور پھر خود اپنے ہی بوجھ سے جیسے لٹک کر رہ گیا! ایک لمحہ بعد ان کی گود میں ٹپ سے ایک آنسو گرا اور دامن میں جذب ہو گیا۔ دیکھتے دیکھتے ان کی آنکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی لگ گئی۔ میں ان کے دل کا درد سمجھ رہا تھا۔ کار میں برابر چلاتا رہا لیکن اب ایسا لگ رہا تھا جیسے میں کسی طلسماتی تخت پر بیٹھا سہانی اور ٹھنڈی ہواؤں کے بازوؤں پر سوار اڑا جا رہا ہوں۔ دفتر پہنچتے پہنچتے پنڈتؔ جی کی آنکھوں کا طوفان تھم چکا تھا۔ انہوں نے رومال سے آنکھیں پوچھیں اور کار سے اتر کر ہاتھ جوڑ کر مجھ کو پرنام کیا۔ پھر اچانک وہ جھکے، میرے پیروں کو اپنے دونوں ہاتھوں سے چھو کر اپنی پیشانی سے لگایا اور پلٹ کر بھاری بھاری قدموں سے دفتر کے اندر غائب ہو گئے۔
پنڈتؔ بھارتی کرشن جی آج اپنے بھگوان کو پہچان گئے تھے !
٭٭٭

نجات

سیمیں برلاس

( یوتھینزیا کے موضوع پر ایک افسانہ )

میں جانتی تھی کہ یہ کوئی ہنسنے کی بات نہیں تھی۔ یہ بہت ہی تشویش کی بات تھی۔ بلکہ پریشان کن بات تھی۔ مگر پھر بھی میں ’نیورولوجسٹ‘ سے’ اپوانٹمنٹ‘ کے بعد واپسی کے وقت گاڑی میں مستقل ہنسے جا رہی تھی اور اپنے بارے میں ڈاکٹر کی تشخیص کا مذاق اڑائے جا رہی تھی۔ ایم، ایس یہ بھی کوئی بیماری ہوئی بھلا ؟۔ ۔ میرے نام کے ساتھ ایم، ایس لگا دیا۔
’’بھائی میں۔ ۔ تو۔ ۔ مسز ہوں پھر میرے نام کے ساتھ ایم، ایس کی کیا ضرورت ہے؟۔ ‘‘ یہ کہتے ہوے میں پھر بے تحاشا ہنسنے لگی۔ تب ہی جاوید نے قدرے ڈانٹنے کے انداز میں کہا۔
’’ شمع تمہیں اندازا ہے تم کس کھائی کے دہانے پر کھڑی ہو۔ ‘‘
جاوید کی بات سن کر میں سنجیدہ ہو گئی اور جواب میں کہا۔
’’ جانتی ہوں جب ہی تو اس کھائی میں گرنے سے پہلے جتنا جی سکتی ہوں اسے بھر پور طریقہ سے جینا چاہتی ہوں۔ ‘‘
’’آفرین ہے تم پر۔ ۔ ‘‘ جاوید اتنا کہہ کر پھر خاموش ہو گئے۔ میں ان کے دل کا کرب ان کے چہرے سے پڑھ سکتی تھی۔ کنسلٹنٹ کے کمرے میں ہی نیورولوجسٹ کی باتیں سن کر ان کا رنگ زرد اور پھر سفید پڑ گیا تھا جیسے کسی نے ان کی رگوں سے سارا خون نچوڑ لیا ہو۔ نیورولوجسٹ مجھے لاحق مرض، ایم، ایس یعنی ملٹیپل ا سکلیروسس کے بارے میں بتا رہا تھا کس طرح بڑھتا ہے اس میں کیا کیا ہو سکتاہے مریض کس حد تک اپاہج ہو سکتا ہے وغیرہ وغیرہ۔ میں تو کچھ بھی نہیں سن رہی تھی صرف جاوید کے چہرے کے اڑتے ہوے رنگ دیکھ رہی تھی۔ مجھے بہت گھبراہٹ ہو رہی تھی یوں لگ رہا تھا جیسے میرا دم گھٹا جا رہا تھا۔ میں کمرے سے نکل کر کہیں دور بھاگ جانا چاہتی تھی۔ زور زورسے چیخنا چلانا چاہتی تھی۔ لیکن میں نے ان سب چیخوں کو اپنے اندر ہی گھونٹ لیا اور اب گاڑی میں بھی میں اس اندر کے شور کو قہقہوں میں گم کر دینا چاہتی تھی۔ میرے اس طرح ہنسنے سے جاوید کا موڈ بھی تھوڑا بہتر ہو گیا تھا، یوسف کے اسکول کی چھٹی کا وقت ہو گیا تھا ہم راستے میں یوسف کو اسکول سے لیتے ہوے ’پیزا ہٹ‘ چلے گئے، شام تک ہم یوں ہی گھومتے پھرتے رہے، رات کو یوسف کو سلانے کے بعد میں جاوید کو چائے کا کپ دے کر اپنے کمرے میں چلی گئی جاوید کہہ رہے تھے کہ’’ تم نے چائے لانے کی تکلیف کیوں کی، میں خود چائے بنا لیا کروں گا۔ ‘‘
’’ابھی جب تک ہاتھ پاوں میں دم ہے مجھے اپنی خدمت کرنے دو، پھر تو سب کچھ تم کو ہی کرنا ہو گا، ابھی تومیں اپاہج نہیں ہوئی ہوں۔ ‘‘میں نے ہنس کر کہا اور اپنے بیڈ روم میں چلی آئی۔ کمرے میں پہنچ کر میں نے دروازہ بند کر لیا اورجس طوفان کو اپنے اندر بند کر رکھا تھا وہ سارے بند توڑ کر بہہ نکلا۔ میری آنکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی سی لگ گئی، تکیہ میں مونہہ چھپا کر میں دیر تک روتی رہی۔ میں اپنے خدا کے آگے گڑگڑانے لگی۔
’’یا میرے مولا ابھی تو میرا یوسف بہت چھوٹا ہے، میرے بعد اس کا کیا ہو گا۔ بس اتنی مہلت دے دے کہ وہ اپنے قدموں پر کھڑا ہو جائے۔ ‘‘روتے روتے میں کب سو گئی، کب صبح ہو گئی مجھے اس کا احساس تک نہ ہوا، پھر یوں ہی بے حسی میں دن رات گزرتے رہے۔ میں نے زندگی کے لمبے چوڑے منصوبے بنانا چھوڑ دیئے تھے، نہ گزرے ہوے کل سے کوئی شکوہ تھا نہ آنے والے کل کی کوئی منصوبہ بندی۔ اب میں صر ف اور صرف جینا چاہتی تھی۔ بر وقت علاج کے شروع ہو جانے کی وجہ سے میری بیماری کا تیزی سے بڑھنا رُک گیا تھا۔ اور میں اب تقریباً نارمل زندگی گزار رہی تھی۔ میرے لیے اتنا کافی تھا کہ میں چھڑی کے سہارے یوسف کو اسکول تک چھوڑ آتی تھی اور واپس لے آتی تھی۔ گھر کے کام کاج کر لیتی تھی اور جب سے جاوید نے مجھے ’اسپیشل موڈیفایڈ ‘گاڑی دلا دی تھی میں شاپنگ بھی خود ہی کر لیا کرتی تھی۔ میرے لیے میری یہ خود مختاری، ’انڈڈیپینڈینس‘ بہت اہم تھی، یہ احساس کہ میں کسی پر بوجھ نہیں ہوں میرے گھر والوں کو میری ضرورت ہے میں انکے کام کر سکتی ہوں اپنے کام کر سکتی ہوں، کسی کی محتاج نہیں ہوں، یہ سب میری عزت نفس کے لیے، میرے جینے کے لیے بہت ضروری تھا۔ زندگی کی گاڑی بہت حد تک نارمل انداز میں چلتی رہی۔
وقت یونہی گزرتا رہا، یوسف تعلیم مکمل کر کے آسٹریلیا میں سیٹل ہو گیا، اسے ساحل اور سمندر کی گرم خنک ہواؤں نے یا پھر ماریا کی سنہری زلفوں نے اپنا اسیر کر لیا تھا۔ یوسف کا اصرار تھا کہ ہم بھی وہاں ہی منتقل ہو جائیں مگر اب اس بڑھاپے میں اس بیماری کے ساتھ میرے لیے اتنی بڑی تبدیلی آسان نہیں تھی اس لئے ہم صرف ایک بار ہی اس کی شادی پرآسٹریلیا گئے تھے۔ ماریہ، مریم یوسف بن کر دلہن کے جوڑے میں بہت پیاری لگ رہی تھی۔ ہم اُن دونوں کو خوش دیکھ کر خوش تھے اور ڈھیروں دعائیں دے کر واپس لندن آ گئے تھے۔ وقت کے ساتھ انسان کتنا بدل جاتا ہے، ہمیں ایسا لگتا تھا جیسے ہم نے بیٹے کی شادی نہیں کی ہے بلکہ بیٹی گھر سے رخصت کر دی ہے۔ خیر ہم نے زندگی کے اس فیصلے سے بھی سمجھوتہ کر لیا تھا۔ اور کاروان زیست کے ساتھ رواں دواں تھے کہ گاڑی کے ایک حادثہ نے مجھے بالکل معذور کر دیا۔ وقت نے یہ ایسی ضرب لگائی تھی کہ ہم پھر نہ سنبھل سکے۔ سر پر چوٹ آنے کی وجہ سے میرے جسم کا بایاں حصہ مفلوج ہو گیا تھا، چھ مہینے ہسپتال میں علاج کے بعد میں بڑی مشکل سے اس قابل ہوئی تھی کہ’ ویل چیئر‘ کی مدد سے ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں جا سکوں۔ میں اس طرح محتاج ہو کر جینے پر مر جانے کو ترجیح دیتی تھی۔ میں نے ڈاکٹروں سے کتنی بار منت کی کہ وہ مجھے کوئی دوا دے کر اس زندگی سے نجات دلا دیں۔ جاوید کی خوشامد کی کہ تم مجھے یورپ کے کسی اسے ملک میں لے جاؤ جہاں ’یوتھینیزیا‘ قانونی طور پر جائز ہے مگر کسی نے میری ایک نہ سُنی۔ میں نے کھانا پینا چھوڑ دیا۔ لیکن مجھے ڈرپ لگا کر زندہ رکھا گیا، زندگی مجھے خدا کا دیا ہوا تحفہ نہیں بلکہ ایک بوجھ لگتی تھی اور میں اس بوجھ کو ہر صورت میں اُتار کر پھینک دینا چاہتی تھی۔ ایسی زندگی کا کیا فائدہ جو کسی کے کام نہ آ سکے، دوسروں پر ایک بوجھ بن جائے۔ لیکن جاوید، یوسف اور مریم کے پیار نے مجھے پھر سے زندگی سے ہمکنار کر دیا۔ لیکن یوسف اور مریم نے ہمیشہ تو ہمارے ساتھ نہیں رہنا تھا۔ وہ آج دو مہینے بعد واپس آسٹریلیا چلے گئے تھے۔ دونوں ہی نوکری پیشہ تھے اور اُنہیں اُنکے کام سے اس سے زیادہ چھٹی نہیں مل سکتی تھی۔ اب میری طبیعت بھی پہلے سے بہت بہتر تھی اسلیے اُنکے مزید رُکنے کا کوی جواز بھی نہیں تھا۔ اُن دونوں کے جانے کے بعد گھر میں کیسا سناٹا چھا گیا تھا، ہم دونوں بھرے گھر میں تنہا ہو گئے تھے۔ جاوید کو میں نے پہلی بار اتنا افسردہ دیکھا تھا۔ بڑھاپے میں جوان بیٹا باپ کی لاٹھی ہوتا ہے جسکے سہارے وہ سیدھا کھڑا ہو سکتا ہے، اس سہارے کے بغیر یوں لگ رہا تھا جیسے جاوید کی کمر زندگی کے بوجھ سے دوہری ہو گئی تھی۔ انہوں نے بڑی حسرت سے مجھ سے کہا۔
’’ شاید اگر ہماری بیٹی ہوتی تو ہمارے دکھ کو محسوس کر سکتی۔ ۔ ‘‘ پھر وہ مجھے بستر میں آرام سے لٹا کر خود چائے کا کپ لے کر ٹی وی دیکھنے بیٹھ گئے۔ میں دن بھر کی تھکی ہوئی تھی اسلئے فوراً ہی سو گئی۔
آدھی رات میں جب میری آنکھ کھلی تو ٹی وی بدستور چل رہا تھا، اور جاوید کُرسی پر اسی طرح بیٹھے تھے میں نے سوچا شاید سو گئے ہیں، دو چار آوازیں دیں مگر کوئی جواب نہ پایا تو بمشکل تمام اپنے آپ کو گھسیٹ کر ویل چیر پر بیٹھ کر ان تک جا کر دیکھا تو انکے برابر میز پر چائے رکھی ہوئی ٹھنڈی ہو چکی تھی۔ میں نے جو انکو اٹھانے کے لیے اُن کے بدن کو ہاتھ لگایا تو وہ چائے کے کپ سے بھی زیادہ ٹھنڈا تھا۔
اس کے بعد کی مجھے کچھ خبر نہیں، شاید صبح کے’ کیررز‘ نے امبولینس بلائی ہو گی، جب ہی تو میں ہسپتال میں تھی، میرے سرہانے کے پاس شاید یوسف کھڑا تھا وہ شاید آج ہی پُہنچا تھا۔ میں گزشتہ ایک ہفتہ سے اسی طرح بیہوشی کی حالت میں ہوں۔ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ میں شاید اسی طرح مہینوں یا برسوں تک رہ سکتی ہوں، اور اگر ہوش میں آ بھی گئی تو بستر سے اٹھنے کی اُمید بہت کم ہے، انھیں چوبیس گھنٹے نگہداشت کی ضرورت ہو گی۔ نرس یوسف کو بتا رہی تھی۔
’’ لیکن میں تو بہت مشکل سے صرف ایک ہفتہ کی چھٹی لے کر آیا ہوں، اور اب دو بار آنے جانے کہ اخراجات کی وجہ سے میرے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہیں کہ میں نرسنگ ہو م کا انتظام کر سکوں۔ ‘‘ یوسف کے لہجے سے اس کی پریشانی اور تشویش صاف ظاہر تھی۔
’’ ٹھیک ہے شام کو جب ڈاکٹر راؤنڈ پر آئیں گے تو اُن سے مشورہ کیا جائے گا۔ ‘‘ پھر یوسف تھوڑی دیر میرے پاس بیٹھ کر چلا گیا۔ شاید تھک رہا ہو گا اتنا لمبا سفر کر کے جو آیا تھا۔
میں بستر پر بے سُد ہ پڑے پڑے کمرے میں آتے جاتے قدموں کی چاپ سُنتی رہی، شام ڈھلے میرے گرد کچھ زیادہ چہل پہل ہونے لگی۔ میرے بیڈ کو شایدکسی دوسرے کمرے میں لے جایا جا رہا تھا۔ مجھے جرنل وارڈ سے الگ کمرے میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ مگر کیوں میری سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا۔ مجھے الگ کمرے میں کیوں منتقل کر دیا گیا تھا؟۔ میرے بستر کے پاس یوسف ڈاکٹروں سے کچھ بات کر رہا تھا، ۔ وہ لوگ میری تکلیف ختم کرنے کی بات کر رہے تھے۔ میرا بیٹا نہیں چاہتا تھا کہ میں یوں کسمپُرسی کی حالت میں بستر پر پڑی رہوں۔ وہ کہہ رہا تھا۔
’’ میری ماں بہت خوددار ہے وہ اس طرح زندہ رہنے پر مرنے کو ترجیح دے گی۔ ‘‘ وہ میری زبان بن کر مجھے زندگی کی تکلیف سے آزاد کرنے کے فیصلے کی تائید کر رہا تھا۔ یہ بھی شاید ’یوتھینیزیا ‘کا ہی دوسرا نام ہے۔ ۔ ! یہ میری زندگی ہے۔ ۔ ! اسے ختم کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔ میں نے چیخنا چاہا مگر میری آواز بس ایک سسکی کی طرح ہی نکل سکی۔
’’یہ بہت تکلیف میں ہیں۔ ۔ ‘‘نرس نے میری سسکیاں سُن کر کہا۔ میں موت کو اپنے سر پر منڈلاتا ہوا دیکھ کر گھبرا گئی۔ میری سانس تیز تیز چلنے لگی تو سینے پر جمع ہوے بلغم کی آواز خر خر آنے لگی۔ جسے سن کر یوسف اور پریشان ہونے لگا۔ میری ڈرپ میں لگی مورفین کی ڈوز کو بڑھاتے ہوے نرس نے کہا۔
’’ بس ابھی آرام آ جائے گا۔ ‘‘
میں آج سے پہلے مرنے کی آرزو میں مری جا رہی تھی۔ سب سے اپنے مار ڈالنے کی بہت التجائیں کرتی تھی مگر اب موت کو اپنے سامنے دیکھ کر مجھے زندگی کی قیمت کا احسا س ہو رہا تھا۔ میں یوں بے موت مرنا نہیں چاہتی۔ ۔ دوا کا اثر میرے اعصاب پر ہونے لگا تھا۔ ۔ میری سانسیں ڈوبنے لگی تھیں۔ ۔ میں اندھیروں میں گم نہیں ہونا چاہتی۔ ۔ میں حرام موت نہیں مرنا چاہتی۔ ۔ مگر کوئی بھی میری بات سننے والا نہیں تھا۔ میرے ارد گرد سب لوگ تو میری خواہش کے مطابق مجھے میری تکلیفوں سے نجات دلا رہے تھے۔ ۔ ۔ ۔ !!
٭٭٭

مردہ روحیں

منیزہ جمال جدہ

یوں تو وسط نومبر کی سرد، برفیلی ہوا ؤ ں نے سردی کی شدت میں کئی گنا اضافہ کیا ہوا تھا، مگر آ ج صبح ہی سے گہر ے سیاہ بادل بھی آ سمان پر چھائے ہوئے تھے، سہ پہر ہوتے ہوتے سردی کی پہلی بارش دھواں دار برسنے لگی۔ نگہت آراء اپنے نرم گرم لحاف میں دبکی جاسوسی ناول کے مزے لے رہی تھیں۔ خانساماں کچن میں شام کی چائے اور دیگر لوازمات کی تیاری میں مصروف تھا اور صفا ئی و الی ماسی ابھی کچھ دیر قبل ہی گھر کے تمام کام نمٹا کر جا چکی تھی۔
بارش پورے زور سے برسنے لگی، نگہت آراء نے بارش کا شور سنا، وہ اٹھیں، اپنے گرد دبیز اُونی شال لپیٹی اور ڈرائنگ روم کی طرف چلیں۔ تمام کھڑکیاں بند تھیں۔ انہوں نے سلائیڈنگ ذرا کھسکا کے باہر کا جائزہ لیا۔ اُف۔ ۔ ۔ بارش کی ٹھنڈی یخ بوچھاڑ انکے چہرے سے ٹکرائی اور سرد ہوائیں انکے مساموں کو چیر گئیں۔ انہوں نے جلدی سے کھڑکی بند کی اور سردی کی شدت کو کم کرنے کے لئیے دونوں ہاتھ زور زور سے ملتیں ہیٹر کے نزدیک جا بیٹھیں۔ مگر فوراً ہی زوبی کا خیال آتے ہی وہ اٹھیں اور ٹیلی فون کی طرف بڑھیں مگر اسی لمحے ان کا موبائل چیخ اٹھا۔ ’’ ہیلو مما ‘‘ دوسری جانب سے زوبی کی آواز سنائی دی۔
’’ زوبی۔ بیٹا میں تمہیں فون کرنے ہی والی تھی۔ بہت تیز بارش ہے ابھی کالج سے نہ نکلنا‘‘۔ ۔ ۔ ۔ انہوں نے بیٹی کو تا کید کی۔ ’’ مما میں تو کالج سے نکل چکی ہوں اور اس وقت راستے میں ہوں گھر سے نزدیک، بس تھوڑی دیر تک پہنچ جاؤنگی‘‘
’’ او ہ۔ ٹھیک ہے ڈئیر۔ ٹیک کئیر۔ دھیان سے ڈرائیو کرو زوبی ‘‘۔ ’’او۔ کے۔ مام۔ بائے‘‘۔ ۔ ۔ ۔
’’بائے بیٹا‘‘۔ فون بند کر کے انہوں نے کچن کا رخ کیا، خانساماں پہلے ہی موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے گھر کا چکر لگا
کر آ رہا تھا۔ ۔ ۔ ’’ بیگم صاب، بارش بہت تیز ہے۔ بڑے کالے بادل ہیں آسمان پر، لگتا ہے آج بہت دیر تک بارش ہو گی‘‘۔ وہ اپنے پورے دانت نکالتا ہوا بولا۔
’’ ہاں ہاں۔ ۔ مگر دیکھنا باہر تمہارے اور چوکیدار کے کمرے میں پانی نہ جائے، کھڑکیاں وغیرہ اچھی طرح بند کر دو‘‘
’’ بیگم صاب، ابھی میں گیا تھا ادھر۔ سب ٹھیک ہے۔ سب کھڑکیاں دروازے بند ہیں ‘‘۔ اس نے تفصیل بتائی۔
’’ ٹھیک ہے۔ اور پرنس ؟ وہ تو گھر کے اندر ہی ہے نا ‘‘ ! نگہت آراء نے یقین دہانی چاہی۔
’’ جی بیگم صاب، وہ گھر کے اندر ہی ہے لاؤ نج میں ‘‘۔
’’ چلو ٹھیک ہے۔ تم اب جاؤ کچن میں۔ ۔ اور ہاں پرنس کو ادھر لے آؤ میرے پاس، ڈرائنگ روم میں ‘‘۔
’’جی بیگم صاب، ابھی لایا‘‘۔
سفید ریشم جیسے بالوں والا خوبصورت پرنس گلے میں کالے موتیوں کا پٹہ ڈالے اب ڈرائنگ روم میں نگہت آراء کے قدموں میں لوٹ رہا تھا، انہوں نے پیار سے اٹھا کر اسے اپنے قریب بٹھایا اور اس کے ریشمیں بالوں پر ہاتھ پھیرنے لگیں۔ تب ہی باہر سے ہارن کی آواز آئی۔ کچھ ہی دیر میں زوبی چھتری ہاتھ میں تھامے کمرے میں داخل ہوئی۔
’ اوہ، مما۔ کیا غضب کی بارش ہو رہی ہے باہر ‘‘ !!! یہ کہتے ہوئے وہ ماں کے گال چوم کر تیزی سے ہیٹر کے قریب جا بیٹھی اور سردی کی شدت کو کم کرنے کی کوشش کرنے لگی۔ اسی وقت دس، بارہ سال کے دو چھوٹے بچے بھی زوبی کے پیچھے کمرے میں داخل ہوئے۔ اُ ڑی اُ ڑی سی مٹیا لی رنگت، بے نور آنکھیں، بے رونق الجھے ہوئے بال، پھٹے پرانے گندے کپڑوں میں ملبوس معصوم چہروں والے دونوں بچے ڈرائنگ روم کے دروازے کے ساتھ ہی ٹک گئے۔ ٹھنڈ سے انکے ہونٹ سفید پڑ چکے تھے انکے بالوں اور کپڑوں سے بارش کا پانی قطرہ قطرہ ٹپک کر دبیز قالین کے کناروں میں جذب ہونے لگا۔
’’ اوہ مائی گاڈ ! یہ کون ہیں زوبی۔ سارا قالین خراب کر دیا۔ پچھلے مہینے ہی تو کس شوق سے خریدا ہے میں نے یہ ایرانی قالین۔
کس کی اجازت سے تم اندر آئے ‘‘ ؟ وہ تیز لہجے میں بولیں
’ مما۔ یہ بے چارے بارش سے بچ کر سڑک پر ایک دیوار سے لگے کھڑے تھے۔ میں انہیں ساتھ لے آئی اپنی گاڑی میں۔ کوڑا چنتے ہیں بے چارے‘‘ زوبی نے وضاحت کی۔ نگہت آراء نے قہر آلود نگاہوں سے بیٹی کو دیکھا گویا انہیں اس سے اس قسم کی حماقت کی ہر گز توقع نہ تھی۔ ’’ اچھا اچھا ٹھیک ہے۔ ۔ چلو نکلو، باہر نکلو یہاں سے۔ ادھر جا کر بیٹھو۔ ۔ با ہر گیراج میں ‘‘۔
’’ اوہ مما۔ باہر تو بہت ٹھنڈ ہے ! وہاں کہاں بیٹھیں گے یہ بے چارے‘‘ زوبی نے دبی دبی فریاد کی۔
’ تو ہم کیا کرسکتے ہیں بھلا؟ چلو بس اب باہر جا کر بیٹھو‘‘۔ نگہت آ راء نے فیصلہ سنایا۔ دونوں بچے الٹے قدموں سے کمرے سے باہر نکل کر گیراج میں آ گئے اور ایک گاڑی کی آڑ میں دبک کر بیٹھ گئے۔ مگر منہ سے کچھ نہ بولے کہ انکا پورا وجود چیخ چیخ کر خود ہی انکی کہانی سنا رہا تھا۔ شاید ان کا معصوم ذہن یہ سمجھنے سے قاصر تھا کہ وہ کس جرم کی پاداش میں یوں اس ٹھنڈ اور بارش میں در بدر پھر رہے ہیں۔ آخر وہ کیوں اس عالیشان مکان کے خوبصورت ڈرائنگ روم سے دھتکار کر نکال دئیے گئے۔ کیوں ہر سال بارشوں میں جب انکے کچے گھر تباہ ہو جاتے ہیں تو وہ اور ان جیسے بہت سے کسی اسکول یا سرکاری عمارت میں وقتی طور پر پناہ لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ اور بارشوں کے بعد پھر چٹائیوں اور بانسوں سے اپنا آشیانہ کھڑا کر لیتے ہیں۔ کیوں ان کے بہن بھائی موسموں کی شدت اور کم خوراک کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہو کر ہمیشہ کے لئے انہیں چھوڑ جاتے ہیں کہ ان کے پاس ان کے علاج کے لئے مناسب رقم نہیں ہوتی۔ یہ اور اس جیسے بہت سے سوالات کے جواب شاید انہیں معلوم نہ تھے۔ اور یوں بھی انہیں ان سوالوں کے جواب دیتا بھی تو آخر کون؟۔ وہ تو ہمہ وقت دو وقت کی روٹی کے حصول کی جدوجہد کیا کرتے اگرچہ یہ سب جھیلنا انکے لیئے سہل نہ تھا۔
شام کی چائے کا دور چلا۔ چائے سے فارغ ہو کر سارا دن کی تھکی ماندی زوبی سیدھی اپنے کمرے میں سونے کے لئے چلی گئی۔ نگہت آراء بھی چائے سے فارغ ہو کر فون پر خوش گپیوں میں مصروف ہو گئیں۔ ریشمی ملائم بالوں والا پرنس ہیٹر کے قریب ہی نگہت آراء کے ساتھ صوفے پر آنکھیں موندے بیٹھا تھا۔ ۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد نگہت آراء بڑے چاؤ سے اس کے ملائم بالوں پر پیار سے ہاتھ پھیرتی جاتیں۔ شام اب ڈھلنے کو تھی۔ بارش اب تک برس رہی تھی۔ خانساماں کچن سے سارا کام سمیٹ کر ابھی ابھی باہر نکلا تھا۔ نگہت آراء نے جوں ہی فون پر بات ختم کی تو بولا۔ ’’ بیگم صاب۔ ادھر گیراج میں بچہ لوگ کو
بھی کچھ دے دوں کھانے کو ‘‘
’’ اوہ ہاں۔ دیکھو ! انہیں تو بھول ہی گئے۔ ٹھیک ہے کچھ سموسے وغیرہ بچ گئے ہوں تو دے آؤ ان کو‘‘۔
’’ جی بیگم صاب ‘‘ خانساماں تابعداری سے سر ہلاتا ہوا مڑ گیا۔ مگر کچھ ہی دیر بعد وہ سمو سوں اور پکوڑوں کی پلیٹ ہاتھ میں تھامے لوٹ آیا۔ ’’بیگم صاب ! بچہ لوگ ادھر نائیں ہیں۔ چوکیدار کہتا ہے کہ وہ دونوں تو تب ہی چلے گئے تھے۔ کہتے تھے ہماری جھگیوں میں بارش کا پانی آ گیا ہو گا، ہماری ماں اکیلی ہے اور چھوٹی بہن بیمار ہے۔ وہ دونوں پریشان ہو رہی ہوں گی اس بارش میں ! اس لئیے ہم کو جانا ہو گا ‘‘خانساماں نے جو کچھ چوکیدار سے سنا تھا جوں کا توں بیان کر دیا۔
’’اچھا !!!۔ ۔ چہ چہ چہ۔ ۔ ۔ بہت افسوس کی بات ہے۔ ۔ ۔ کیا زندگی ہے ان بے چاروں کی بھی ! نگہت آراء نے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
’’ خیر۔ ۔ ۔، خانساماں تم یہ دروازہ ٹھیک سے بند کر دو۔ باہر ہوا بہت سردہے۔ ‘‘
’’ جی۔ جی بیگم صاب ‘‘
’’ اور ہاں پرنس کا کھانا بھی لے آ ؤ اسے بھوک لگی ہو گی، اس کے کھانے کا وقت ہو رہا ہے‘‘۔
’ ’ جی۔ جی بیگم صاب۔ بس ابھی لایا‘‘ !!!
نگہت آراء بارش کا جائزہ لینے کے لئے اٹھیں، اپنے گرد دبیز اُونی شال لپیٹی اور کھڑکی کی طرف چلیں۔ سلائیڈنگ ذرا کھسکا کے باہر دیکھا۔ سہ پہر سے شروع ہونے والی بارش ابھی تک دھواں دار برس رہی تھی۔ اُف۔ ۔ ۔ بارش کی ٹھنڈی بوچھار انکے چہرے سے ٹکرائی اور سرد ہوائیں انکے مساموں کو چیر گئیں۔ انہوں نے جلدی سے کھڑکی بند کی اور سردی کی شدت کو کم کرنے کے لئیے دونوں ہاتھ زور زور سے ملتیں ہیٹر کے نزدیک جا بیٹھیں۔
٭٭٭

پانی جیسی بیٹی

ڈاکٹر نگہت نسیم

زندگی کا سب سے مضبوط رشتہ بے لوث محبت کا ہوتا ہے۔ ۔ محبت تو یہ بھی سمجھا دیتی ہے کہ بغیر طمع کے اپنے رب سے مانگنا ہی اصل عبادت ہے۔ ۔ اس سے شکوہ کئے بغیر اس کی رضا کو اپنی خوشی ماننا ہی تو اصل ریاضت ہے۔ ۔ آپا کا سارا فلسفہ ہی محبت، قناعت اور رضا کے گرد گھومتا رہتا تھا۔ ۔ پر بھائی جان ہمیشہ کہا کرتے۔ ۔ ’‘ جی نہیں آپا جی بے لوث محبت کرنے کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ گونگے بہرے ہو جاؤ۔ ۔ بھائی جان کے جوابی فلسفے پر آپا ہنس دیا کرتیں۔ ۔ اور رہی میں تو اس طرح کی علمی ادبی بحث میں پڑنے کی بجائے دونوں کو بٹر بٹر دیکھتی رہتی۔ میں نے ان کے ساتھ پچیس برس رہ کر بھی ایسا کچھ نہ سیکھا تھا۔ ہر وقت کی شکایت ہوتی یا ہر وقت کے گلے ہوتے۔ ۔ وہ بھی کبھی انسانوں سے تو کبھی خدا سے۔ ۔ بس میں ان جیسی نہیں تھی۔ ۔
ہاں کبھی زندگی سے زیادہ الجھ جاتی تو آپا کے دوپٹے میں چھپ جایا کرتی۔ ۔ مجھے آپا کے دوپٹے سے ایک خاص قسم کی مہک آتی تھی۔ ۔ جسے میں پرفیوم کی خوشبو جان کر اس کا نام جاننے کے لئے ان کی ڈریسنگ ٹیبل میں اکثر گھسی رہتی۔ ۔ لیکن وہ پرفیوم نہیں تھا۔ ۔ وہ مہک کچھ اور تھی، نہ کسی پھول کی مہک تھی نہ کسی عطر کی باس۔ ۔ امی جی بتایا کرتی کہ اللہ والوں کی ایک خاص خوشبو ہوتی ہے جو ان کی پہچان بن جاتی ہے۔ ۔ جو مرنے کے بعد بھی اگر بتی اور لوبان میں مہکا کرتی ہے۔ ۔ آپا میں بھی کوئی اللہ والی روح بستی تھی۔ ۔
کو ئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ کوئی صرف خالی محبت سے کیسے اپنا پیٹ بھر سکتا ہے یا پھر مٹھی بھر یادوں کے سہارے اپنی زندگی گزار سکتا ہے لیکن اس دنیا میں ہر وقت کچھ انوکھا سا ہوا ہی رہتا ہے۔ ۔ شائد برائیوں سے بھری دنیا کا بھرم اور توازن اسی سے قائم تھا۔ ۔ ورنہ بدلنے کو کیا کچھ نہیں بدل رہا تھا۔ ۔
آسمان و زمین کی کشش بدل رہی تھیں۔ ۔
سائینسدان خلاؤں پر راج کرنے لگے تھے۔ ۔
آئے دن سمندر زمین پر الٹنے لگے تھے۔ ۔
ایسے ہی ہم تینوں بہن بھائی بھی دنیاکے نقشے پر بکھر گئے تھے۔ ۔ امی جان اور ابو جان کبھی پاکستان ہوتے تو کبھی ہم سب کے پاس۔ ۔ دونوں پاکستان میں زیادہ خوش رہتے تھے۔ ۔ ہم سب مل کر ان کی صحت اور ایک ساتھ زندگی گزارنے کی دعائیں ان سے زیادہ مانگا کرتے۔ ۔ شائد دنیا کی حقیقتوں کو قریب سے دیکھ جو لیا تھا۔ ۔ پر طمانیت رہتی تھی کہ اب دنیا بدل چکی ہے۔ اتنی ترقی کر چکی ہے کہ کوئی خود سے جدا لگتا ہی نہ تھا۔ ۔ روزانہ کے فون، ای میل سے ایک ہی منٹ میں ہزاروں میل کی دوریاں ختم ہو جاتی تھیں اور بات وہیں سے شروع ہو جاتی جہاں ختم ہوئی ہوتی تھی۔ ۔ آج آپا کی ڈائری پڑھتے ہوئے بھی ایسا ہی لگ رہا تھا جیسے ماضی حال میں ڈھل گیا ہو اور سارے منظر اتنے صاف اور شفاف ہو گئے ہوں کہ جیسے شدید بارشوں کے بعد آسمان صاف نظر آتا ہے۔
میں آپا کی ڈائری سے نہیں بلکہ ان کے اند رہنے والی اس سبک روح سے مل رہی تھی جو صرف محبتیں کرنا اور بانٹنا ہی جانتی تھی۔ ۔ یہ وہی ڈائری تھی جسے آپا اس بار پاکستان بھول آئی تھیں اور امی جی نے ایک پرانی سی ڈائری میرے ہاتھ میں دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس بار جب تیری آپا تم سے ملنے آئے تو اسے دے دینا۔ ۔ پھر کچھ کہتے کہتے اچانک چپ ہو گئیں تھیں۔ ۔ پھر آہستگی سے گیٹ کی طرف بڑھ گئیں، جانے پھر کیا سوچا کہ جاتے جاتے پلٹ آئیں۔ ۔ بڑی محبت سے مجھے گلے لگایا۔ ۔ نم آنکھوں سے مجھے دیکھتی رہیں اور بڑی شفقت سے بولیں ‘‘ میں جانتی ہوں ننھی کہ محبت کا رشتہ دستخط شدہ رشتے سے کہی زیادہ مضبوط ہوتا ہے پر دنیا میں با عزت رہنے کے لئے محبت نہیں دستخط شدہ رشتوں کی ضرورت ہوتی ہے ‘‘۔ اور میں کچھ بھی نہ سمجھ سکی صرف اثبات میں سر ہلا دیا تھا۔
امی جی، ابو جی کے ساتھ پاکستان واپس جا چکی تھیں۔ ۔ اور اب میں بےقراری سے ڈائری کے ورق الٹ رہی تھی۔ ۔ آپا کی باتیں ان ہی کی طرح اجلی تھیں۔ ۔ کالی ڈائری کے زرد سے ورق اپنے پرانے ہونے کا پتہ دے رہے تھے۔ ۔ یوں لگ رہا تھا جیسے آپا کی وہی مخصوص سے مہک ہر طرف پھیل گئی ہو۔ ۔ ان کی سلگتی ہوئی دھیمی دھیمی سی آواز فضا کوسوختہ بنا رہی ہو۔ ۔ آپا نے لکھا تھا۔
یوں تو کچھ بھی نیا نہ ہوا تھا۔ ۔ تم نے سات برس برس پہلے شادی کر لی تھی اور میں نے تمہاری شادی کے ٹھیک سات برس بعد بھی اپنے بارے میں سوچا تک نہ تھا۔ ۔ شائد اس زندگی کو یونہی گزرنا ہے اور گزر ہی جائے گی۔ ۔ سچ کہوں مجھے کبھی احساس ہی نہ ہوا تھا کہ میں تمہارے بغیر تنہا رہ گئی ہوں اور یہ بھی کہ میں نے تمہیں برسوں سے دیکھا تک نہیں ہے۔ ۔ بھلا اس سے فرق بھی کیا پڑتا ہے۔ ۔ مجھے کبھی لگا ہی نہیں کہ تم مجھ سے کبھی سات سیکنڈ بھی جدا ہوئے ہو۔ ۔ اب تم سے ملاقات کے لئے کیا یہ سب ضروری ہے کہ تم میرے سامنے مجسم بھی رہو۔ ۔ چلتے پھرتے سانس لیتے ہوئے میرے آس پاس مہکو۔ ۔ یا پھر تمہیں سامنے بٹھا کر اپنی آنکھوں میں سمیٹتی رہوں۔ ۔ پھر ایسا ہونا ضروری ہو کہ سماعتوں میں تمہاری آوازیں ہر وقت گونجیں اور پھر تہہ در تہہ ان یادوں کو حافظے کے شیلف پر سجاتی رہوں۔ ۔ تم اوروں سے اتنے الگ ہو کہ تم سے محبت کرنے کو، تمہیں یاد رکھنے کو، تم سے وابسطہ رہنے کو ایک خیال، ایک منظر ہی بہت ہے۔ ۔ میری اس تفسیر محبت پر ننھی کا خیال ہے کہ میں اور میری محبت دوسروں سے کچھ جدا سی ہے۔ ۔
ہاں آپا، آپ ہم سب میں بہت مختلف ہیں۔ ۔ ڈائری پڑھتے پڑھتے میں خود ہی اقرار کرتے ہوئے مسکرا دی۔ ۔ میرے تصور میں بھی آپا کے ساتھ نعیم بھائی کی شبیہ جیسے ٹھہر سی گئی تھی۔ ۔ نعیم بھائی ابو جی کے دوست کے بیٹے تھے۔ ۔ ہم سب کے بے حد لاڈلے بھائی۔ ۔ کوئی محفل ان کے بغیر سجتی نہیں تھی۔ ۔ وہ ایروناٹکیل انجنیر تھے۔ ۔ انہیں ترقی کرنے کا بہت شوق تھا۔ ۔ اور انہیں یہی ترقی ہم سے جدا کرتی تھی اور پھر اسی ترقی کے خبط نے انہیں ہم سب سے جدا بھی کر دیا۔ ۔ وہ شادی کر کے مزید پڑھنے کے لئے امریکہ جا چکے تھے۔ لیکن آپا کے لئے شاید وہ انہیں کے پاس رہ گئے تھے۔ ۔ جبھی تو آپا نے لکھا تھا۔ ۔
مجھے تمہیں یاد کرنے کی عادت سی ہو گئی ہے۔ ۔ مجھے وہ دن اب بھی یاد ہے جب ہم سب کھانا کھا کر جلد اٹھ گئے تھے۔ سب کا خیال تھا کہ آج دیر تک بیٹھ کر کوئی فلم دیکھی جائے گی۔ ۔ مجھے بھلا کیا اعتراض ہونا تھا۔ ۔ میں تو پانی کی روانی جیسا رواں رہنا چاہتی تھی۔ ۔ امی جی کہتی تھیں کہ ‘‘ لڑکیوں کو پانی کی طرح ہونا چاہئے جس سانچے میں ڈھالیں ڈھل جائیں ‘‘۔ ۔ ننھی کو امی جی کی یہ باتیں پرانی صدی کی لگتی تھیں۔ ۔ شائد اسے لگتا ہو گا جیسے عورت اپنا مقام رضا اور خاموشی میں گنوا دیتی ہے پر اسے کیسے سمجھاؤں کہ عورت کا مقام چاہے گھر میں ہو یا دلوں میں وہ رضا اور خاموشی سے کسی بھی سانچے میں ڈھل جانے سے ہی بنتا ہے۔ ۔
دوسرے صفحے پر آپا نے بڑی محبت سے لکھا تھا۔ ۔
کمرے میں اندھیرا ہو چکا تھا۔ ۔ فلم دیکھنے کے لئے ہم سب نے اپنی اپنی سیٹیں سنبھال لی تھیں۔ ۔ اب سب فلم دیکھ رہے تھے اور میں اپنی ملاقاتوں کے سفر پر تھی۔ ۔ جانے یہ سچ تھا یا مجھے ہی ایسا لگتا تھا جیسے محبوب کبھی پرانا نہیں ہوتا۔ ۔ میں آج بھی تمہیں دیکھ سکتی ہوں۔ ۔ بالکل ویسا ہی مسکراتا ہوا چہرہ۔ ۔ روشن پیشانی۔ ۔ خوبصورت بڑی بڑی آنکھیں جن کی چمک کبھی ماند نہ پڑتی تھی۔ ۔ انکل لقمان حال ہی میں تم سے مل کر ورجینیا سے آئے تھے بتا رہے تھے۔ وہ بتا رہے تھے کہ اب تمہاری پیشانی پر تین لکیریں پڑ چکی ہیں اور تم پر عینک بہت جچتی ہے۔ ۔ تمہارے ہونٹ اب ہلکے سے مسکراتے نہیں ہیں بلکہ سنجیدگی سے ایک دوسرے سے ملے رہتے ہیں۔ ۔ اور۔ ۔ اور تمہاری آواز میں پہلی جیسی شوخی نہیں بلکہ ایک ٹھہراؤ سا آ گیا ہے۔ ۔ اور یہ بھی کہ لوگ آج کل تمہیں صلاح نہیں دیتے بلکہ تم سے صلاح لینے لگے ہیں۔ ۔
اور سنو یہ سوچتے ہی میں ہنس پڑی ہوں۔ ۔
مجھے یاد آیا تم اپنی بڑی باجی سے کہا کرتے تھے کہ جب میں ہنستی ہوں تو نچلے ہونٹ کے بائیں طرف ایک چھوٹا ساگڑھا پڑ جاتا ہے جو صرف تمہیں نظر آتا ہے اور کوئی اسے دیکھ ہی نہیں پاتا۔ ۔ اب جانے محبت کی نظر حسن پرست تھی یا تمہاری آنکھ کی جادوگری تھی۔ جانتی ہوں تو بس اتنا کہ اس کے بعد مجھے ہنسنا اچھا لگنے لگا تھا۔ ۔ مجھے ابھی تک سمجھ نہیں آیا کہ اس وقت میری پسند سے ناپسند تک سارے ادراک تمہیں کیونکر ہو جایا کرتے تھے۔ تم میرے سامنے جب جب آئے میں نے تمہیں خاموشی سے مسکراتے ہوئے ہی دیکھا تھا۔ ۔ آج بھی سوچتی ہوں تو مجھے کوئی لمحہ ایسا یاد نہیں آتا جب تم نے کچھ ایسا کہا ہو کہ میں سمجھتی کہ مجھے تمہارے ساتھ رہنا ہے۔ ۔ ۔ پر۔ ۔ ہاں جانے کیوں یہ احساس ہر دم ضرور رہا جیسے مجھے تمہاری ہی ہو کر رہنا ہے۔ ۔ جبھی تو میرے مسلسل انکار پر امی جی بہت پریشان ہیں اور تمہاری بڑی باجی نے الگ ضد کر رکھی ہے۔
بقول ننھی کے آپا کو خوش رہنے کے لئے کسی بڑی خوشی کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ کسی کا ان کی وجہ سے خوش ہو جانا ہی ان کی خوشی بن جاتی ہے۔ ۔ اپنی بہن کی باتوں پر میں اکثر ہنس دیا کرتی ہوں۔ ۔ بہت بار کہنا چاہا پر اسے کبھی سمجھا نہ سکی کہ خوشی جب تک کسی سے منسوب نہ ہو زندہ نہیں رہتی۔ ۔ اور میری خوشی جس نام سے منسوب ہے وہ نام اپنی غیر موجودگی میں بھی میری سانس سانس بحال رکھتا ہے۔ ۔ کاش میں یہ بات ننھی کے علاوہ امی جی کو بھی بتا سکتی کہ تمہاری یاد میری خوشی کا محور ہے اور میرے سکون کا باعث بھی۔ ۔
سب پوچھتے تھے کہ مجھے کوئی پسند ہے تو بتا دوں ورنہ امی جی اور ابو جی پر بوجھ بننے کا مجھے کوئی حق نہیں ہے۔ ۔ یہ بھی سچ تھا کہ میں کسی کی محبت پر بوجھ نہیں بننا چاہتی تھی۔ ۔ پر میرے پاس کہنے کو تھا ہی کیا۔ ۔ ۔ ۔ بس کچھ گونگی ملاقاتیں۔ ۔ جن کو میں ساری عمر زاد راہ کے لئے تو رکھ سکتی تھی لیکن ان کے سہارے پوری عمر تنہا نہیں گزار سکتی تھی کیونکہ میرے ارد گرد رہنے والے کبھی میرے تنہا رہنے سے خوش نہیں رہ سکتے تھے۔ ۔
وقت دبے پاؤں گزر رہا تھا۔ ۔ رمضان کا آخری عشرہ ہے۔ ۔ عید کی تیاریاں بھی ساتھ ساتھ ہو رہی ہیں۔ سنو یقین نہیں ہوتا کہ تمہارے بغیر یہ میری ساتویں عید ہے۔ یوں لگتا تھا جیسے پچھلے سارے منظر ٹھہر سے گئے ہوں۔ لو آج عید ہو بھی گئی۔ ۔ اس برس بھی عید پر تم بہت یاد آئے۔ ۔ ۔ مجھے تمہارے ساتھ گزری آخری عید آج بھی پہلی عید کی طرح کی یاد تھی اور اس عید کو یاد رکھنا مجھے ہر عید پر یونہی خوش رکھتا ہے۔ ۔ اس عید پر ہم سب بہن بھائی اکٹھے تھے اور اس رات کو تم بھی ہمارے ساتھ ہی تھے۔ ۔ تمہارے ہونے سے ہم سب بہت خوش رہتے تھے۔ ۔ اور میں تو جیسے آسمانوں کی سیر پر تھی۔ ۔
اس عید پر سب نے ایک دوسرے کو عیدی دی تھی۔ ۔ ننھی ہم سب میں چھوٹی تھی سو اس کے حصے میں تحفے سب سے زیادہ آئے تھے۔ ۔ جس پر وہ کسی پری کی طرح یہاں وہاں اڑتی پھر رہی تھی۔ ۔ میں نے چپکے سے تمہاری طرف دیکھا تو تم مسکراتے ہوئے میری ہی طرف دیکھ رہے تھے۔ ۔ مجھے یوں لگا جیسے تم نے کندھے اچکاتے ہوئے کہا ہو، اوہ بھول گیا ! میں تو تمہارے لیئے کچھ لایا ہی نہیں۔ ۔ تم نے خالی ہاتھ میرے سامنے پھیلا دیئے تھے اور میں ایسے ہنس پڑی تھی جیسے کہا ہو۔ ۔ بھلا اس سے بڑی عیدی کیا ہو سکتی ہے۔ ۔ تم میری آنکھوں کے سامنے صبح سے شام تک ہو۔ ۔ میں اس سے آگے کچھ اور سوچتی کہ اچانک تم نے ہنستے ہوئے گولڈن ڈبیا میری طرف بڑھا دی۔ ۔ میں نے حیرت سے تمہیں دیکھا اور پھر ڈبیا کی طرف۔ ۔ الٹ پلٹ کر دیکھا تو کچھ سمجھ نہ پائی تھی۔ ۔ بے اختیار کہہ دیا ‘‘ ارے ڈبیا تو خالی ہے ‘‘۔ ۔ میری حیرت پر تم کھلکھلا کر ہنس پڑے۔ ۔ ۔ ۔ پھر دیکھنے دکھانے میں ڈبیا میری جھولی میں گر گئی۔ ۔
میں نے خالی ڈبیا اٹھا کر دوبارہ اپنی ہتھیلی پر رکھتے ہوئے تمہاری طرف دیکھا۔ ۔ تمہاری وہ حصار کھینچتی ہوئی مسکراہٹ میں اس وقت بھی اپنے ارد گرد محسوس کر سکتی ہوں۔ ۔ میں نے سحر زدہ ہو کر گولڈن خالی ڈبیا پر کندہ لفظوں کو دیکھا۔ ۔
اس پر لکھا تھا ‘‘ حبیب من’‘۔ ۔
حبیب من۔ ۔
میں نے پلٹ کر حیرت اور خوشی سے تمہیں دیکھا۔ ۔ اور تم نے خاموشی سے وہ سب کہہ دیا جو لفظوں کی جادوگری میں ممکن نہ تھا۔ ۔
اوہ میرے خدا۔ ۔
حبیب من۔ ۔ ۔ ۔ میرا روم روم پکار رہا تھا۔ ۔
حبیب من۔ ۔ محبوبیت کا وہ درجہ جو خاموش ریاضتوں کا صلہ ہوتا ہے۔ ۔ جسے جیتنے کے لئے کوئی لڑائی نہیں لڑنی پڑتی۔ ۔ پانے اور نہ پانے سے آزاد یہ محبت کی وہ ڈگری تھی جسے صرف دل والے ہی ایک دوسرے کو دیتے تھے اور اپنے دلوں کے نہاں خانے میں سجاتے تھے۔ ۔
کتنی عجیب بات تھی تم نے کبھی زبان سے کچھ نہ کہا تھا۔ ۔ ہماری ہر ملاقات گونگی تھی پر میرے پاس یادوں اور باتوں کے انبار سے لگے ہوئے تھے۔ دیکھو تو برسوں سے میرے ساتھ تم نہیں ہو پر تمہاری رفاقت ہر دم رہتی ہے۔ ۔ شاید محبت کو خود بھی معلوم نہیں کہ وہ کتنی طاقت رکھتی ہے۔ ۔ خود آگہی کی ساری رمزیں سکھا دیتی ہے۔ ۔ یہ بھی بتا دیتی ہے کہ زندگی کا سب سے مضبوط رشتہ بے لوث محبت کا ہوتا ہے۔ ۔ محبت تو یہ بھی سمجھا دیتی ہے کہ بغیر طمع کے اپنے رب سے مانگنا ہی اصل عبادت ہے۔ ۔ اس سے شکوہ کئے بغیر اس کی رضا کو اپنی خوشی ماننا ہی تو اصل ریاضت ہے۔
سنو آج کل جب میں اپنے ارد گرد دیکھتی ہوں تو کچھ اور بھی سوچنے لگی ہوں۔ ۔ سوچتی ہوں رب نے ہر انسان کو رشتوں کے ساتھ بنایا ہے اور اسے نباہتے رہنے کے ہنر سے آباد بھی کیا ہے۔ ۔ میرا تم سے بے لوث محبت کا جو رشتہ جڑا ہے وہ تو ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا ہی۔ ۔ پر۔ ۔ میں اپنی امی جی کی پانی جیسی بیٹی بھی تو ہوں۔ ۔ مجھے اب کسی دوسرے سانچے میں ڈھل جانا چاہئے۔ ۔
اکیس اپریل کے بعد آپا نے ڈائری میں کچھ نہیں لکھا تھا۔ ۔ ۔ کیونکہ ٹھیک ایک ماہ بعد آپا کی شادی ہو گئی تھی۔
٭٭٭

جمعے کا دولہا

ڈاکٹر نگہت نسیم

بڑے بھیا کو جمعہ پڑھنے کا ہمیشہ سے ہی بہت شوق تھا۔ ۔ صبح ہی صبح سب سے پہلے اٹھ جاتے اور اٹھتے ہی جو کام سب سے پہلا کرتے وہ اپنا دھوبی سے دھلا کلف لگا سفید کرتہ شلوار ہینگر پر لٹکا دیتے۔ ۔ پھر ہم سب کو باری باری اٹھاتے جاتے اور تلقین کرتے جاتے کہ جلدی کرو جمعہ کی نماز کا وقت جانے والا ہے۔ ۔ اور جو گھر میں کوئی نہ ان کی سنتا تو اپنی بات اس بات پر ختم کر دیتے ‘‘ بھلا جو اپنے رب سے نزدیک نہیں ہوسکتا وہ انسان کے نزدیک کیونکر ہو سکے گا۔ ۔ ارے اٹھو۔ ۔ دیکھو جمعہ کا دن محبت کرنے اور محبت بانٹنے کا دن ہے ‘‘۔ ۔ ان کی کی خوشی ان کے چہرے پر نور کی طرح چھلکی پڑتی۔ ۔ ان کا موڈ اس دن اتنا خوشگوار ہوتا کہ جی کرتا کہ ہر روز جمعہ کا دن ہو۔ ۔ انہوں نے جمعے کے روز کبھی کوئی کام نہ کیا تھا۔ ۔ نہ پڑھائی نہ نوکری۔ ۔ وہ یوں جمعہ کی تیاری میں مگن ہوتے کہ ناشتہ کرنا تک بھول جاتے تھے۔ ۔ اس دوران جو انہیں ناشتے کی یاد دہانی کے ساتھ ناشتہ کروا سکتا تھا تو صرف نورین آپا تھیں۔ ۔ وہ بھی تو ان ہی جیسی تھیں۔ ۔ محبت سے لبا لب بھری گاگر جیسی چھلکنے کو بےقرار سی رہتیں۔ ۔ ۔ ۔ گھر کے ہر فرد کا خیال رکھنا۔ ۔ ۔ بڑے بھیا ہی کی طرح سب کے پیچھے دوڑ دوڑ کر انہیں جمعہ کے لئے تیار کرنا صرف انہی کا خاصہ تھا۔ ۔
بڑے بھیا تایا جی کہ اکلوتے بیٹے تھے اور ہم سب سے بڑے ہونے کے ناطے خود کو بڑے بھیا کہلواتے تھے پر وہ ہم سب کے بہت ہی مہربان اور راز دار سے دوست بھی تھے۔ ہم سب کو بڑے بھیا سے ملنے کے بعد ایک محبت کے احساس کے ساتھ ساتھ ان سے منسوب ایک مخصوص سی مہک بھی یاد رہ جاتی تھی۔ ۔ کئی بار ہم نے ان کی غیر موجودگی میں باری باری ان کے کمرے کی تلاشی بھی لی تھی پر ہمیں کبھی کوئی پرفیوم ان کے کمرے سے نہ ملتا تھا۔ ۔ بس جو بھی تھا بس یوں لگتا تھا جیسے یہ مہک اور وہ لازم و ملزوم ہوں۔ ۔ بہت قیاس آرائیوں اور تلاش کے بعد پتہ چلا کہ وہ مہک ‘‘ ہیگو صندل ‘‘ کی تھی اور یہ میرا ہی خیال نہیں تھا بلکہ باقی سب کزنز کی بھی رائے تھی کہ بڑے بھیا پر صرف یہی پرفیوم سوٹ کرتی ہے۔ جس سے ان کا کمرہ ہی تو کیا پورا گھر مہک جاتا اور کئی دنوں تک مہکا رہتا۔ ۔ یوں لگتا کہ جیسے بڑے بھیا کبھی کہی جاتے ہی نہ تھے۔
جمعہ کا دن ہی ایسا ہوتا تھا کہ ہر چھوٹا بڑا اس دن کے انتظار میں رہتا کہ سب کو ہی تایا جی کے گھر جمعہ کو ایک ساتھ مل کر شور مچانا بہت اچھا لگتا تھا۔ ۔ کوئی ایک بار نہیں بلکہ یہ برسوں کا معمول تھا۔ دادا جی کے وفات کے بعد دادی جی بڑے تایا جی کے ساتھ ہی رہتی تھیں۔ سو ان کا حکم تھا کہ ہر جمعہ کے بعد دوپہر کا کھانا پورا خاندان مل کر ایک ہی دسترخوان پر بیٹھ کر کھائے گا۔ اس روز ہم سب کزنز صبح ہی سے دادی جی کے پاس آ جاتے تھے اور شام ڈھلے تک سب اکٹھے رہتے۔ ۔ تیس افراد کے بیٹھنے اور کھانے کا انتظام کوئی آسان بات نہ ہوتی۔ ۔ اسی لئے سب کے سپرد کوئی نہ کوئی کام ہوتا۔ ۔ ایسے میں بڑے چاچا جی کی بیٹی نورین آپا جو ہم سب لڑکیوں میں بڑی ہونے کے ناطے سب سے زیادہ مصروف رہتیں۔ ۔ ان کے ذمے کچن کی ساری ذمے داری ہوتی۔ ۔ جسے وہ خوشدلی اور محبت سے نباہتی رہتیں۔ ہر ایک کے ساتھ ساتھ بڑے بھیا کے بھی سارے کام وہ اسی تواتر سے کئے جا رہی تھی جس تواتر سے بڑے بھیا جمعہ پڑھنے جا رہے تھے۔ ۔ شائد محبت کسی سے بھی ہو ایسی ہی ریاضت سے شروع ہوتی ہو جیسی نورین آپا ہم سب سے کرتی تھیں۔
یوں تو ہر جمعہ کو ہم سب کی تیاری دیدنی ہوتی پر یہ سچ تھا کہ ہم میں سے کوئی بھی بڑے بھیا جیسی تیاری نہیں کر پاتا تھا۔ ۔ اس لئے ہم سب بڑے بھیا کو ‘‘ جمعے کا دولہا’‘ کہا کرتے تھے۔ ۔ جسے سن کر وہ اتنے خوش ہوتے کہ ان کی آنکھیں تک ہنس پڑتی۔ مسجد سے واپس آنے تک گھر بھر جمعہ کی نماز پڑھ چکا ہوتا اور دسترخوان ٹیبل کی بجائے ڈرائینگ اور ڈائینگ روم میں یکجا ہو کر بچھ جاتا۔ ۔ دادی اور تایا جی ہمیشہ یک ساتھ بیٹھا کرتے اور پھر ان کے ساتھ بڑے بھیا۔ ۔ سب کچھ ایک تواتر سے ہو رہا تھا۔ ۔ بڑے بھیا کی پسند کے شامی کباب اور ماش کی دال نورین آپا ہمیشہ ہی بنایا کرتیں۔ ۔ یہ نہیں تھا کہ نورین آپا باقی سب کو نظر انداز کرتیں ہوں بلکہ ان کو خبط تھا کہ بڑے بھیا کے ساتھ ساتھ باقی سب کی پسند کا بھی خیال رکھیں۔ ۔ یوں جتنے لوگ بھی دسترخوان پر ہوتے سبھی کا پسند کا خیال رکھنا ان کا ہی کا کمال تھا۔ ۔ کالی دال اباجی کی پسند تو مٹر چاول کے ساتھ رائیتہ دادی جی کو بھاتا تھا۔ ۔ ہاتھ کی پکی روٹی تایا، تائی جی کے لئے تو تندوری نان ہم سب کو چھولوں کے ساتھ کھانے ہوتے تھے۔ ۔ یوں لگتا جیسے نورین آپا ‘‘ محبت کی انساکلیوپیڈیا ‘‘ تھیں، جس کے ہر صفحے پر صرف ایثار کرنا اور نثار ہونا لکھا تھا۔
ہم سب کو ہی نورین آپا سے بہت محبت تھی۔ ۔ کبھی کبھی جی کرتا کہ کھانے کے مینو کے علاوہ بھی محبت کی انسایئکلو پیڈیا کی ورق گردانی کی جائے۔ ۔ اور جو کبھی کوئی ان کی شخصیت کے اوراق پلٹتا بھی تو اس کو کچھ نہ ملتا تھا سوائے ایثار اور پیار کے جو وہ بلا تفریق سب پر لٹائے جاتیں۔ ۔ بالکل اپنی ماں پر گئی ہے۔ ۔ دادی جی نورین آپا کی گلابی دوپٹے سے ڈھکی چمکتی پیشانی چوم لیتی اور گھر کے سب بڑے ان کی بلائیں لیتے نہ تھکتے تھے۔
ان دنوں ہم سب وقت جلد گزرنے کی دعائیں مانگا کرتے تھے کہ جلد از جلد جمعہ آئے اور ہم سب اکٹھے ہوں۔ ۔ انہی یادگار دنوں میں سے ایک دن ایسا ہوا کہ تایا جی کے دوست انکل پرویز کے ہاں سے ان کے منجھلے بیٹے وقار کے لئے اچانک ہی نورین آپا کا رشتہ آ گیا اور لائے بھی تایا جی ہی تھے۔ ۔ بھلا سوچنا کیا تھا۔ ۔ بس یوں ہی ایک جمعہ کی دوپہر کھانا کھانے کے بعد بڑوں میں رسمی سی میٹنگ ہوئی۔ ۔ اور دوسرے جمعہ کے دن پوری خاندانی کیبینٹ میں نورین آپا کا رشتہ منظور بھی ہو گیا۔ ۔ یہ سب اتنا چانک ہوا تھا کہ ہم سب حیران رہ گئے تھے۔ ۔ اوہ اب کیا ہو گا۔ ۔ ہمیں نورین آپا کے بغیر رہنے کی عادت ہی کب تھی۔ ۔ ایک عجیب سی اداسی نے گھر کا رستہ دیکھ لیا تھا۔ ۔ سب اپنی اپنی تنہائی اپنی اپنی لگن کے ساتھ سہہ رہے تھے پر جو نہیں فرق پڑا تھا تو نورین آپا کو نہیں پڑا تھا۔ ۔ ان کی وہی عجز و نیاز والی فراغ پیشانی، اذلی مسکراتے ہونٹ۔ ۔ تاروں جیسی جھلملاتی آنکھیں۔ ۔ گلابوں کو ماند پڑ جانے والے شہابی رنگت والے ہونٹ۔ ۔ وہی محبت، وہی انکسار، وہی خدمت۔ ۔ ۔ نورین آپا کی روٹین میں کوئی فرق بھی تو نہ آیا تھا۔ ۔ اب خاندان بھر میں نورین آپا کی شادی کی باتیں زورو شور سے ہو رہی تھیں۔
جوں جوں شادی کے دن قریب آرہے تھے ہم سب تیاریوں میں سبقت لے جانے کے لئے ایک دوسرے کو بھی بھولتے جا رہے تھے۔ ۔ کپڑے۔ ۔ میچنگ جیولری۔ ۔ ہلدی۔ ۔ مہندی۔ ۔ گھر باہر جیسے دلہن بنا ہوا تھا۔ نورین آپا کا نکاح مارچ کی بائیس کو جمعہ کے بعد اور رخصتی رات کو ہونا طے پائی تھی۔ آخر وہ دن آن ہی پہنچا۔ ۔ بڑے بھیا ہر بات سے بے نیاز حسب معمول جمعہ کی تیاریوں میں مشغول تھے۔ ۔ ان سے منسوب انکی مخصوص مہک بھی بھٹک کر کئی اور خوشبوؤں میں رل مل گئی تھی۔ ۔ ۔ اور نورین آپا دلہن بنی کچھ نہ کر سکنے کے غم سے نڈھال تھیں۔ ۔ آج وہ کسی کے لئے کچھ نہیں کر پا رہی تھیں۔ ۔ ہاتھوں میں مہندی سجائے شگن کا جوڑ اپہنے وہ اس دنیا کی لگتی ہی نہ تھیں۔ ۔ ویسے بھی وہ اپنے مزاج اور عادات میں ہم سب سے مختلف تھیں۔ ۔ آج تو انہیں دیکھنا بھی مشکل ہو رہا تھا۔ ۔ حسن جیسے ان کے گھر کی کنیز بن گیا تھا۔ ۔ ہم سب انہیں تنگ کر رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ ‘‘ آج اگر آپ کا دولہا لیٹ بارات لے کر آیا تو دادی اور تایا جی نے انہیں ؛ جمعے کے دولہا ‘‘ کے حوالے کر دینا ہے۔ ۔ ’‘ سب کھلکھلا کر ہنس پڑے تھے۔ ۔ جانے مجھے کیوں لگا جیسے نورین آپا کی شرمگین آنکھیں ایک پل میں روشن ہوئی ہوں۔ ۔ اس سے پہلے کہ ان آنکھوں میں تھرتھراتی کوئی تصویر دیکھتا انہوں نے اپنی آنکھوں پر دراز پلکوں کی چادر ایسے تان دی جیسے کوئی جھوٹ موٹ سوتا ہوا بن جائے۔ ۔
نورین آپا کی رخصتی کیا ہوئی جیسے دادی جی کے دسرخوان سے ایک ایک کر کے سب رخصت ہو گئے۔ ہمیں بہت دیر بعد یہ احساس ہوا تھا کہ ہم میں کون کشش ثقل کی طرح تھا۔ ۔ شاید نورین آپا ایک محور کی طرح تھیں جس کے گرد ہم سب چکر کاٹا کرتے تھے۔ ۔ ہم سب ایک دوسرے سے اتنے بیزار سے دکھتے جیسے ‘‘ محبت کی انسائکلوپیڈیا ‘‘ ہم سے کہیں کھو گئی ہو یا پھر کسی اور نے پڑھنے کے لئے مانگی ہو اور اب واپس کرنا بھول گیا ہو۔ ۔ دادی جی اور تایا جی ایسے نورین آپا کی کمی کو محسوس کرتے جیسے خدانخواستہ ان کو دیکھنا اب کبھی نصیب نہیں ہو گا۔ ۔ سب کو ہی بہلنا مشکل ہو رہا تھا۔ ۔ آہیستہ آہستہ سب کے کام انداز بدل رہے تھے۔ ۔ پر نہیں فرق آیا تھا تو بڑے بھیا کی مصروفیت میں نہ آیا تھا۔ ۔ ان کا وہی جمعہ تھا اور وہی ان کی تیاریاں۔ وہ کبھی ہماری دلشکن اور اداس گفتگو کا حصہ نہ بنتے تھے۔ بس دھیمے دھیمے مسکراتے رہتے اور اپنے کاموں میں مگن رہتے۔ ۔ نہ کوئی گلہ نہ کوئی شکایتیں۔ ۔ نہ کوئی یادیں نہ کہانیاں۔ ۔ جمعے کا دولہا اسی سج دھج کے ساتھ گھر سے نکلتا اور واپس آ جاتا۔ ۔ ہاں پر اب ان کی مخصوص سی مہک پہلے جیسی نہ تھی۔ ۔ یا پھر یہ بھی ہم سب کا گمان ہی تھا۔ ۔
اداسیوں سے بھرے کئی ہفتوں کے بعد ایک دن ایسا آ ہی گیا جس دن نورین آپا نے اپنے مائیکے رہنے کے لئے آنا تھا۔ ۔ یعنی ہم سب کا جمعے کا دن آباد ہونے جا رہا تھا۔ ۔ بے قراریوں کو جیسے پر سے لگے تھے۔ ۔ ہم سب نے طے کر رکھا تھا کہ اس بار انہیں ہم نے بتانا ہے کہ ان کے بغیر ہم سب کتنے ادھورے رہ گئے تھے۔ ۔ یہ بھی پوچھنا تھا کہ ان جیسا ہمارے خاندان میں کوئی اور کیوں نہیں ہو سکا۔ ۔ ۔ اور۔ ۔ یہ بھی کہ جب تک ہم بہل نہیں جاتے تب تک جلدی جلدی ہم سے ملنے آیا کریں۔ ۔ پھر آخر وہ دن بھی آ گیا جب وہ ہم سب سے ملنے تایا جی کے گھر آ ہی گئیں۔ ۔ اس دن بھی جمعہ کا ہی دن تھا۔ ۔ سبز سلمی ستارے والے سوٹ میں وہ سبز پری لگ رہی تھیں۔ ۔ ان کی فراغ چمکتی پیشانی پر ہمیشہ کی طرح کوئی سلوٹ نہیں تھی۔ ۔ ان کی آنکھیں اب بھی ویسی ہی بولتی تھیں جنہیں چپ کرانے کے لئے ان کی دراز پلکیں ہر وقت ایک دوسرے سے الجھتی رہتیں۔ ۔ ان کے لپ سٹک سے بے نیاز خوبصورت ہلکے گلابی ہونٹ اب بھی گلاب کی پتیوں جیسے ہی تھے۔ ۔ جو بس ہر وقت مسکراتے رہتے تھے۔ ۔ وہ آتے ہی اپنے سارے کام سنبھال چکی تھیں۔ ۔ ۔ بڑے بھیا حسب معمول صبح سے اٹھ چکے تھے۔ ۔ ان کا دھوبی سے دھلا کلف والا سفید کرتا شلوار ہینگر پر لٹک چکا تھا۔ ۔ ایک مدت بعد ان کی مخصوص سی صندلی مہک گھر بھر میں پھیلی ہوئی تھی۔ ۔ ہم سب کو یوں لگا جیسے جمعہ کا دن جو کبھی بڑے بھیا کی اسی خوشبو سے منسوب ہوا کرتا تھا وہ لوٹ آیا ہو۔ ۔ پر وہ اپنے تاریخی بیان دیتے ہوئے کسی کو بھی گھر بھر میں کہیں نظر نہیں آ رہے تھے۔
یہ سوچ کر کہ انہیں شائد پتہ نہیں چلا کہ نورین آپا آ گئی ہیں۔ ۔ خوشی اور بے یقینی میں بڑے بھیا کو بتانے کے لئے میں ان کے کمرے کی طرف لپکی۔ ۔ کمرے میں ان کی مخصوص مہک بکھری ہوئی تھی۔ ۔ گہرے سبز پردوں کے ہلکے ہلکے اندھیرے میں بڑی سی آبنوسی کرسی پر شاید بڑے بھیا ہی تھے۔ ۔ وہ ایسے بیٹھے ہوئے تھے کہ سوائے ان کی مخصوس مہک کے کوئی اور پہچان ممکن نہیں تھی۔ ۔ میں نے دبے پاؤں کمرے میں داخل ہوتے ہی ان کی آنکھوں پر ہاتھ رکھ دئے۔ ۔ اور ہلکے سے کہا ‘‘ میں کون’‘ ؟
ارے تم۔ ۔ ۔
اوہ۔ ۔ آپ۔ ۔ میں حیران رہ گئی۔ ۔
آئی ایم سوری۔ ۔ نورین آپا۔ ۔ میں سمجھی کہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بڑے بھیا۔ ۔ ؟ ساری باتیں جیسے تسلسل اور معنی کھو رہی تھیں۔ ۔ نورین آپا کے ایک ہاتھ میں بڑے بھیا کا کلف لگا سفید کرتہ تھا اور ایک ہاتھ میں ‘‘ ہیگو صندل ‘‘ کی پرفیوم۔ ۔ جسے جو وہ بڑی محبت اور محویت سے کرتے پر چھڑک رہی تھیں۔ ۔ اتنی محویت سے کہ انہیں میرے آنے کی خبر تک نہ ہوئی تھی جبھی تو انہوں نے مجھے آنکھ اٹھا کر دیکھا تک نہ تھا۔ ۔
اوہ۔ ۔ یہ صندلی خوشبو۔ ۔ نورین آپا۔ ۔ اور بڑے بھیا سے منسوب وہ مخصوص سی مہک۔ ۔ ۔ سب کچھ گڈ مڈ ہو گیا۔ ۔ پر بڑے بھیا کہیں نظر نہیں آ رہے تھے۔ ۔
نورین آپا۔ ۔ میں نے دھیرے سے کھوئی کھوئی سی نورین آپا کو پکارا اور بے اختیار ہو کر ان سے لپٹ گئی۔ ۔
گہرے سبز پردوں کے ہلکے ہلکے اندھیرے میں بھی نورین آپا کی آنکھیں آنسوؤں سے ایسے جھلملا رہی تھیں جیسے شمع کی لو تھرتھراتی ہے۔ ۔ پھر ان شبنمیں آنکھوں پر دراز پلکیں یوں گر گئیں جیسے آخری سین کے بعد پردہ گر جاتا ہے۔ ۔ مجھے ایسے لگا جیسے ہم سب اپنی اپنی محبتوں میں مگن ‘‘ محبت کی انسائیکلو پیڈیا ‘‘ کو پڑھنا ہی بھول گئے تھے اور صندلی مہک کے اس دکھ کو محسوس ہی نہیں کر پائے جو انجانے میں جمعے کے دولہا سے بچھڑ گئی تھی۔ ۔ ۔ ۔
٭٭٭

تکیہ

فوزیہ مغل

َکامیابی کے انگ انگ سے خوشی کے رنگ چھلک رہے تھے وہ انہی چھلکتے رنگوں کے ساتھ ’تکیہ‘ میں موجود تھی ’تکیہ ‘ کی عام دُنیا سے الگ ہی اپنی ایک مخصوص فضا تھی جہاں چڑھتے سورج کی پُر عزم کرنیں اپنا اثر رکھتی تو وہاں ڈوبتے سورج کی تاثیر کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا تھا، جہاں زمانے کے آزمائے اور زمانے کو آزمانے والے مل بیٹھتے۔ ’تکیہ ‘ ایک چھوٹا مگر پُر سکون سا گوشۂ عافیت تھا جو مذہب رنگ و نسل سے بالا تر تھا جہاں بیٹھنے کے اپنے آداب تھے ’تکیہ‘ میں ایک ہی وقت میں مسجد، مندر، گردوارے و چرچ کی فضا میسر تھی جو ہر تعصب سے پاک تھی اسے برقرار رکھنے میں ’تکیہ‘ کے بانی بابا جی کا بڑا کمال تھا بابا جی نے اپنی عمر کی چالیس برس کی نقدی خرچ کر کے یہ فضا قائم کی بابا جی کا اصل نام اور اصل گھر کہاں ہے اس سے شاید ہی کوئی واقف ہو بابا جی پچھلے چالیس سالوں سے صبح گیارہ بجے کے لگ بھگ آتا اور شام ڈھلے تک ’تکیہ‘ میں موجود رہتا اس کے بعد کہاں چلا جاتا اس سے کسی کو بھی غرض نہیں تھی بابا جی سے بڑے بھی اسے بڑے چاؤ سے بابا جی کے نام سے پکارتے اور بابا جی بڑے سبھاؤ کے ساتھ اس لقب بابا جی کا نبھاؤ کر رہے تھے۔ کامیابی ابھی نئی نئی ادبی دُنیا میں داخل ہوئی تھی اسے شاعری سے بے حد لگاؤ تھا لیکن لکھنے سے زیادہ پڑھنے کا ذوق رکھتی تھی اسی لئے ولی دکنی سے لیے کر وصی شاہ کو پڑھ چکی تھی ادبی دُنیا میں اس کی آئیڈیل مصوری کی نامور شخصیت نینا جی تھی جو مصوری کے ساتھ ساتھ اب افسا نہ نگاری بھی کرنے لگی تھی نینا جی کی شخصیت سے کامیابی کو بڑی عقیدت تھی وہ ایساکوئی پروگرام مِس نہ کرتی جس میں نینا جی کی آمد متوقع ہوتی نینا جی بیس برسوں سے رنگوں کاساحر بکھر رہی تھی اور اب پچھلے دو سالوں سے افسانے بھی لکھ رہی تھی نینا جی کے مصوری کے کئی ایگزبیشن قومی سطح پر کامیاب ہو چکے تھے افسانوں کا مجموعہ چھپ چکا تھا۔ کامیابی ؔ کے نزدیک یہ شہرت و عزت خاص نینا جی کی ذاتی محنت کی عطا کردہ تھی مگر دوسرے لوگوں کے نزدیک اس شہرت میں اس کی’ بگ سیٹ ‘کا بڑا عمل دخل سمجھا جاتا تھا، آج بھی ’’تکیہ‘ میں اس موضوع پر گرما گرم بحث ہو رہی تھی کامیابی نے مقامی آرٹ گیلری میں نینا جی کی مصوری کے ایگزبیشن کی بھر پور تیاری میں مگن تھی کہ ’تکیہ‘ کے ایک سینئر رکن ضیاؔ صابر جو ماضی میں کئی نئے شاعروں ادیبوں کی کتابیں مرتب کر چکا تھا ان میں چند شاعر و ادیب شہرت کی اس بلندی پر پہنچ چکے جہاں وہ ضیاؔء صابر تو کیا انہیں خود اپنا حقیقی وجود بھی نہیں آسکتا تھا بچارہ ضیاء صابر کو صرف ’تکیہ‘ پر ہی تکیہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا وہ اپنے طور پر کامیابی کو سمجھانے کی کوشش میں تھا کہ جس کے لئے تم اتنی محنت کر رہی ہو وہ اس کو اپنا حق سمجھے گی تمہارے خلوص کو نہیں 7243 تمہارے حصے میں فقط تھکن اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں آئے گا وہ اسے اپنے حقیقی تجربات کی روشنی میں بہت واضح دلیل کے ساتھ قائل کرنے کی اپنی سی کوشش کر رہا تھ لیکن کامیابی ؔ پر کوئی اثر نہ ہوا تو تھک ہار کر بولا یہ تو سب ہی جانتے ہے کہ ہر چمکنے والی چیز سونا نہیں ہوا کرتی جسے تم نے عقیدت کے اونچے مرتبے پر فائز کر چکی وہ ایک تپتی ریت کے سوا کچھ بھی نہیں جس پر تمہارے خلوص کی بوندیں کوئی اثر نہیں کر سکتی۔ کامیابی تنک کر بولی مجھے زندگی میں صرف اپنے تجربے کی روشنی چاہئے کیونکہ ہر انسان کی پسند و نا پسند الگ الگ ہے اگر نینا جی کی ذات ریت کی مانند ہے تو بھی مجھے اس سے عقیدت ہے کیونکہ میں جانتی ہوں کہ سب سے شیریں کھجور ریت میں نمو پاتی ہے اور کھجور میری سب سے بڑی کمزوری ہے۔ میز کی آڑ میں بیٹھا بابا جی اپنے ’تکیہ‘ کے سینئر اور جونیئر کی کبھی نہ ختم ہونے والی بحث کو سمیٹتے ہوئے بولا ضیاء تم کیوں اسے منع کرتے ہوں اس کو اپنے تجربے کے نوکیلے پتھر ڈھونے دو، تم خود اتنی جلدی بھول گئے ہو وہ وقت جب تم اسی جگہ دن رات بیٹھ کر اُسی محترمہ کے افسانوں کو مرتب کرتے ہوئے ارد گرد تو کیا خود اپنے آپ سے بھی بے خبر تھے تو تمہیں بھی کسی نے اپنے تجربے سے باخبر کرنے کی کتنی کوشش کی تھی۔ بابا جی اتنا کہہ کے پھر سے میز پر بکھریں کاغذوں میں مصروف ہو گا، ضیاء بابا جی کے پُرسکوں چہرے کی جانب بڑی گہری نظروں سے دیکھتے ہوئے بالا بابا جی آپ بھی۔ ۔
ہاں ضیاء میں بھی اس سچ سے انکار نہیں کر سکتا کہ صرف وقت ہی انسان کے تجربات میں ڈھل کر نظریات بدل سکتا ہے وہ دیکھوں سامنے جو روشندان ہے اس میں آج بھی نئی نئی اُڑان بھرنے والی اور بہت سی تھکی ہاری چڑیاں کچھ پل کے لئے سستانے کو بیٹھتی ہیں ان میں فرق صرف اتنا ہوتا ہے کہ سفر پر جانے والی چڑیا کامیابی ؔ کی طرح پُر عزم ہوتی ہیں کیونکے وہ صرف چاندنی رات کی کشش سے واقف ہوتی ہیں جبکہ سفر سے واپس آنے والی تمہاری طرح چاند گرہن سے بھی آگاہ ہو چکی ہوتی ہیں۔
اور ٹھک دو سال کی مسافت طے کرنے کے بعد چاندنی کی کشش میں سفر کرنے والی کامیابی چاند گرہن کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے بعد ضیاء صابر اور بابا جی کی دوبرس قبل گفتگو کو سمجھی چکی تھی ان گزرے برسوں میں وہ تجربے کے نوکیلے پتھروں کی مسافت نے حقیقت واضح کر دی تھی کہ ایک ہی وقت میں ایک ہی چہرے کے کتنے روپ ہوتے۔
سفر کے آغاز میں جس کو اپنا آ ئیڈیل بنا کر دل و جان سے عقیدت کی تھی وہ بھی محض ایک بہروپ نکلا وہ جو حقیقت و سچائی کو مصوری اور اپنے افسانوں کا موضوع بنا کر کامیابی کی طرح اور کئی لوگوں کو بھی اپنے ایک روپ کا شکار کر چکی تھی۔ صرف تھوڑے سے ذاتی مفاد کی خاطر کامیابی کو اپنی عقیدت مندی سے محروم کر دیا۔ کامیابی کے لئے یہ بات کسی بڑے صدمے سے کم نہیں تھی کامیابی ؔ اس دن کو کو ستی جو اس کے تجربے کا روشن دن تھا، جب ایک انٹر نیشنل ادبی پروگرام کے کنوینر نے اسے اپنے پروگرام میں مدعو کیا مگر کامیابی ؔ اس ادبی پروگرام میں شرکت کرنے سے قاصر تھی کامیابی نے اگلے پروگرام میں شرکت کی ہامی بھرلی اور ساتھ ہی اس پروگرام میں بڑے احترام سے نینا جی کو مدعو کرنے کی گزارش کرتے ہوئے نینا جی کا رابطہ نمبر کنوینر کو دیا۔ اس کے بعد وہی کنوینر جو دوسرے تیسرے دن فون کرتا اب کئی دن گزر گئے اس کا فون نہ آیا زندگی کی مصروفیت میں کامیابی ؔ نے اس بات کا کوئی خاص نوٹس نہ لیا، بہت دنوں کے بعد اسی کنوینر کا فون آیا اسے اس بات کی تشویش ہو رہی تھی کہ ایک ہفتے سے نینا جی سے اس کا رابطہ نہیں ہو رہا تھا جبکہ نینا جی کے ساتھ اس کے ایک اور ساتھی کنوینر کی ڈیل طے پاچکی تھی آج وہ بڑی بے تکلفی سے نینا جی کا ذکر کر رہا تھا، کامیابی بھی پُر جوش لہجہ میں پوچھنے لگی نینا جی سے بات ہو گی تھی آپ کی وہ صرف ہاں ہوں میں بات کر رہا تھا اسی پل کامیابی ؔ کے دل میں یہ امنگ جاگی کہ جس کی وہ ایک عرصے سے عقیدت میں مبتلا ہے وہ ہستی اس کے بارے میں کیا رائے رکھتی ہے کامیابی کھوجتے ہوئے لہجہ میں بولی اور کیا بات ہوئی لیکن کامیابی کے لئے یہ الفاظ غوری مزائل سے بھی تباہ کن ثابت ہوئے فون سے ابھرتی آواز کامیابی ؔ کی گم ہوتی ہوئی آواز میں ہی گم ہو گی بس یہی الفاظ پتھر کی طرح دل و دماغ کے نازک حصوں پر وار کر گئے، ہاں نینا جی کو تمہارا نام کچھ سناسنا سا لگا تھا، اس کے ساتھ ہی ایک دم کنوینر کا لہجہ بدل گیا جسے تمہارا نام سنا سنا لگا سکتا ہے اسے میرے پروگرام سے یا میرے فون سے کیا غرض ہوسکتی ہے اس کے ساتھ ہی فون ڈسکنیکٹ ہو گیا شاید یہ دن اس کنوینر کے بھی روشن تجربے کا دن ثابت ہوا۔
کامیابی کے لیے یہی بات دُکھ کا باعث بنی کہ جس کا نام کامیابی نے خود اس کنوینر کو دیا اور نینا جی محض اپنی اہمیت کو اپنی جاب سے نمایاں کرتے ہوئے کامیابی ؔ کی شناخت سے بھی انکاری ہو گی تھی اور اسی بات نے کامیابی کو ’تکیہ‘ میں ہونے والی ضیاء صابر جو کہ اب ضیاء صابر مرحوم کے نام سے یاد کیا جاتا کی عملی تجربے کی بات یاد آئی کہ واقعی ریت پر خلوص کی بوندیں عقیدت کی شہد کوئی معنی نہیں رکھتی۔ مگر آنے دنوں نے یہ بھی ثابت کیا کہ خلوص کے بغیر کوشش کرنے سے راستے تو مل جاتے مگر منزل نہیں، کیونکہ نینا جی کو دوسرے کنوینر نے محض پہلے کنوینر کا پروگرام خراب کرنے کے لئے ایک فرضی پروگرام میں بھاری معاوضے کی آفر کے لالچ سے بھی دستبردار کرا دیا تھا۔ اور نینا جی کے اس عمل نے خود اس کی شخصیت پر بہت بُرا اثر ڈالا اب کسی بھی اسے ادبی پروگرام میں اسے شرکت کی دعوت دینے سے پہلے خوب سوچ بچار ہوتی۔ جبکہ کامیابی کے پاس قومی و بین الاقوامی ادبی پروگراموں لاتعداد انوٹیشن ہوتے۔
٭٭٭

لڈن

سرور غزالی

بہت غور و خوض کے بعد مجھے گمان ہوا کہ یہ نہ تو میری چھٹی حس ہے نہ ہی مجھ پر غیب سے انکشافات ہو تے ہیں بلکہ قدرت کے قانون کے تحت جو تھوڑی سی ذہانت میرے حصے میں آئی ہے وہ ان چند قیمتی لمحوں میں مجھ سے میری ذہانت سے وہی کچھ کروا لیتی ہے جو قدرت کا منشا ہوتا ہے۔
وگرنہ راہ چلتے چلتے مجھے کیونکر یہ احساس ہوتا کہ یہ سر کے اوپر گذرنے والا تار نیچے بھی تو گر سکتا ہے، اس کی ایک توجیح یہ بھی ہو سکتی ہے کہ میں نے ایسا بارہا اخباروں میں پڑھ رکھا تھا کہ کس طرح کوئی بجلی کے تار گر نے جاں بحق ہو گیا۔ اور اسی لیے میں گرتے تار سے پرے ہٹ کر بچ گیا تو اور شاید کار کے حادثات بھی میں نے بہت پڑھ رکھے ہیں اور کبھی مجھے یہ بھی خیال آتا ہے کہ فرض کرو ایسا کوئی حادثہ پیش آئے تو اس موقع پر کیا کر نا چاہئے وغیرہ وغیرہ۔ ۔ ۔ کچھ بھی ہو۔ حقیقت یہی ہے کہ میری ذرا معمولی حرکت نے کار کے جان لیوا حادثے کو ایک ایسے حادثے میں بدل دیا کہ کار تو ختم ہو گئی البتہ میں صاف بچ گیا۔ ۔ ۔ یقیناً اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اسوقت میرا وقت پورا نہیں ہوا تھا۔ ۔ ۔ ۔ اور جب تک پوار نہیں ہو گا ایسا ہوتا رہے گا۔ ۔ ۔ ۔
اس دن بھی ایسا ہی کچھ ہو نے جا رہا تھا۔ ۔ ۔ اور پھر ہوا بھی مگر ایسا کچھ کہ اس کے نشانات آج بھی میری روح اٹھائے پھر رہی ہے۔ ۔ ۔ ۔
میر ے چھوٹا بھائی نے جب یہ سنا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کا میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم جا رہا ہوں تو وہ ہمیشہ کی طرح ہمارے پیچھے لگ گیا اور ہمیں مجبوراًَ اسے ساتھ لینا ہی پڑا۔ ۔ ۔ لڈن نے بھی اس کی سفارش کی اور ظفر تو پہلے ہی سے تیار بیٹھا تھا۔ ۔ ۔ ۔
’’جس کو چلنا ہے چلے۔ ۔ ۔ سب کو بلا ٹکٹ اندر گھسانا میری ذمہ داری ہے۔ ‘‘ اس نے اعلان کیا۔
ہمارا خیال تھا کہ وہ ڈینگ مار رہا ہے۔ ۔ لیکن جب ہم سب گیٹ کے نزدیک پہنچے تو ظفر نے ہمیں پیچھے کھڑے رہنے کو کہا اور خود آگے بڑھ کر نہ جا نے کس زبان میں کیا جادوئی باتیں کیں کہ گیٹ کیپر نے ہم سب پر نظرِ غائر ڈالی اور اشارہ کیا کہ ہم سب اندر داخل ہو جائیں۔ ۔ ۔ ۔
ہم سب تو مل کر ظفر کو کاندھے پر اٹھا نے والے تھے۔ ۔ کہ واہ کیا پالا مارا ہے۔ ۔ ۔ مگر ظفر نے ہم سبھوں کو ڈانٹا اور تنبیہ کی کے چپ چاپ ادھر ادھر ہو کر جسے جہاں جگہ ملے بیٹھ جاؤ اور میچ دیکھو۔ ۔ ۔ ہم سب واقعی ادھر ادھر ہو گئے۔ ۔ ۔ میں میرا بھائی اور لڈن البتہ اکھٹے ہی رہے۔ ۔ ۔
تھوڑی دیر کے بعد ہی میرا اور لڈن کا دل میچ دیکھنے سے بھر چکا تھا۔ ۔ ۔ ہمیں یوں بھی میچ کب دیکھنا تھا۔ ۔ ۔ اگر دیکھنا ہو تا تو کیا گھر میں ٹی وی پر نہ دیکھ لیتا۔ ہمارا تو خیال تھا کہ اسٹیڈیم میں جا کر انسان چین سے میچ دیکھتا رہے تو اس سے بڑا بے وقوف اور کون ہو گا۔ ۔
اسٹیڈیم میں تو ہلہ گلہ ہو نا چاہیئے۔ ۔ سو ہم تینوں اسی میں مشغول ہو گئے۔ ۔ برابر میں خواتینوں کا پویلین تھا ہم نے پہلے لڑکیوں کو تاڑنا اور پھر چھیڑنا شروع کر دیا۔
لڑکیوں کو چھیڑنا ہماری عمر کے لڑکوں میں اتنا معیوب نہیں سمجھا جاتا تھا۔ اور اسوقت ہماری ہم عمر کی لڑکیاں بھی چھیڑ چھاڑ کا اتنا برا نہیں منا تی تھیں۔ نہ ہی ان لڑکیوں کو ہم سے یہ خوف ہو تا تھا کہ چھیڑ چھاڑ کے بعد ہم انہیں اغوا کر نے کی سوچیں گے۔ اس دور میں بس یہی ایک طریقہ تھا جنسِ مخالف سے رابط رکھنے کا۔ ۔ ہلکی پھلکی چھیڑ چھاڑ ہی اکثر محبت اور شادی کا سبب بن جاتی تھی۔ آج کل کی طرح نہ تو ڈیٹ ہوا کر تی تھی نہ ہی رستوراں وغیرہ میں ملنے کا رجحان ہوا کر تا تھا۔
ہم لڑکیوں کو بڑھ بڑھ کر کچھ کہہ رہے تھے اور وہ ہمیں جواب دے رہیں تھیں۔ ۔ ۔
لڑکیوں سے پھسلتے ہماری نگاہ چند با وردی پولیس والوں پر جا پڑی۔ ۔ ۔ ہم لوگوں کو بڑا تاؤ آیا۔ ۔ ۔
’’دیکھو کیسے مزے سے سالے لڑکیوں کے درمیاں گھسے بیٹھے ہیں۔ ۔ کہنے کو ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ ۔ ‘‘
لڈن نے ٹکرا لگا یا تو میں نے اس کی تائید کی۔ ۔ اب ہم تینوں بجائے لڑکیوں کہ پولیس والوں کو چھیڑ نے لگے۔
انہوں نے ہمیں جواباً ڈنڈے دکھائے۔ ۔ ۔ لیکن ان کی مجبوری یہ تھی۔ ۔ کہ کھچاکھچ بھرے اسٹیڈیم میں ہمارے اور خواتین کے پویلین کے درمیاں لوہے کی باڑ لگی تھی لہذا پولیس والے سیدھا تو ہمارے پاس آ نہیں سکتے تھے۔ ۔ ۔ اور جب وہ دوسری سمت میں جانے لگتے تو ہم سمجھ جاتے کہ وہ اب خواتین کے پویلین سے نکل کر ہماری جانب آئیں گے چنانچہ ہم بھی باہر کی طرف چل پڑتے ہمیں چلتا دیکھ کر پولیس والے رک جاتے کہ کہیں ہم ان سے پہلے ہی نہ نکل بھاگ کھڑے ہوں۔ ۔ ہمیں اندازہ نہ تھا کہ پولیس والے سچ مچ ہم پر اتنے برہم ہو چکے ہیں کہ وہ ہمارے بھاگ جانے پر معاملے کو رفع دفع کر دینے کو کافی نہیں سمجھ رہے تھے بلکہ اب انکی کوشش یہ ہو نے لگی تھی کہ ہم کسی نہ کسی طرح ان کے ہاتھوں آ جائیں۔ جب کافی دیر یہ آنکھ مچولی ہوتی رہی تو پھر میں نے بھائی اور لڈن سے کہا کہ ’’ چلو۔ ۔ یار اب چلتے ہیں۔ چھیڑ چھاڑ کچھ زیادہ ہی ہو گئی ہے۔ ایک تو ہم بلا ٹکٹ داخل ہوئے ہیں۔ ۔ ویسے بھی لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ میں اگر کوئی لڑکی گلے پڑ جائے تو بہت دن۔ ۔ ۔ مہینے یا شائید تمام عمر ہی سنور جاتی ہے۔ مگر یہ پولیس اگر گلے پڑ گئی تو عاقبت بھی بگڑ جائے گی‘‘۔
بھا ئی تو فورََا تیار ہو گیا مگر لڈن نہ مانا۔
کہنے لگا ’’یار چلو کسی اور طرف چلتے ہیں کچھ اور تفریح کریں گے‘‘۔
اس بات پرمیں رضا مند نہ تھا اور یوں میں اور بھائی تو گھر آ گئے۔ لڈن وہیں رہ گیا۔ ظفر اور دوسرے دوستوں کا ہمیں پتہ ہی نہ چلا وہ جانے کس طرف کو نکل گئے تھے۔
گھر میں دن کے ایک بجے دوپہر کے کھا نے پر ابا ہمیشہ کی طرح منتظر ملے۔ یہ ہمارے گھر کی روایت تھی کہ اگر اسکول کالج یا دفتر کی مصروفیات حارج نہ ہوں تو تمام لوگ دن کے ایک بجے کھانے پر موجود ملتے۔ ہمارے ابا اپنے اصولوں کے سخت پابند آدمی تھے۔ انہیں ہم سب بھائیوں اور بہنوں کی مصروفیات علم رہتا تھا۔ یوں بھی کالج کی چھٹیاں تھیں۔
کھانا کھانے کے بعد ابا قیلولہ کے عادی تھے اور ہم سب کو حکم تھا کہ اپنے اپنے بستر پر یا کم از کم اپنے اپنے کمرے میں رہو۔ نیند نہ آئے تو کوئی کتاب پڑھو۔ ۔ ۔ نصابی کتاب کوئی بھی ہو پڑھنے کی ممانعت نہ تھی۔ البتہ غیر نصابی کتب ہمیں نہایت چھان پھٹک کر ہی پڑھنے کو دی جاتی تھیں۔ بہت عرصے تک تو ہمیں صرف بچوں کی دنیا، نونہال اورسنسر شدہ اخبار کے صفحات ہی پڑھنے کو ملتے تھے۔ لیکن اب ہم عمر کے اس حصے میں تھے کہ اپنی پسند سے جاسوسی دنیا اور عمران سریز لے آتے تھے گو بظاہر ابا کو اس بات کا علم نہ تھا کہ ہم اب صرف بچوں کی دنیا، نو نہال اور بچوں کی ہی ناول نہیں پڑھتے بلکہ جاسوسی کہانیاں اور اس جیسی دوسری خرافات سے بھی مستفیض ہو رہے ہیں۔
دوپہر ڈھلی تو ہم لوگ شام کے چار بجے پھر باہر نکل گئے۔ لڈن کا گھر ہمارے گھر سے دور نہ تھا۔ ہم سب اسی کے گھر جمع ہوتے تھے اور عموماً شام کا پروگرام طے ہو تا تھا کہ کیا کیا جائے۔ کبھی کرکٹ کھیلنے سڑک پر آ جاتے تو کبھی سنیما دیکھنے چلے جاتے۔ کوئی پروگرام نہ بنتا تو بیٹھے گپیں ہی ہانکتے۔ آج بھی ارادہ کچھ یہی تھا کہ سارے دوست اپنی اپنی کتھا سنائیں گے کہ کس کے ساتھ کیا بیتی۔
جب ہم لڈن کے یہاں پہنچے تو خالہ نے الٹا ہم سے سوال کر ڈالا۔ ۔ ۔ ’’لڈن کہاں ہے ؟‘‘ یہ سنکر کہ لڈن اب تک گھر نہیں آیا ہے۔ ۔ ۔ میری تو سٹی گم ہو گئی۔
’’ ہیں ‘‘۔ ۔ ۔ لڈن گھر نہیں آیا۔ ۔ ۔ میرے منھ سے نکلتے نکلتے رہ گیا۔ ’’خا۔ ۔ خالہ۔ ۔ وہ یقیناً ظفر کے گھر ہو گا۔ ۔ ۔ ‘‘میں نے بات کو بنا نے کی کو شش کی۔ ۔ ہم لوگ تو پہلے چلے آئے تھے لڈن اور دوسرے لوگ اس وقت اسٹیڈیم میں ہی تھے۔ ‘‘
اچھا! خالہ نے پریشانی سے کہا۔ ’’اب تک تو اسے گھر آ جا نا چاہیئے تھا۔ ۔ ۔ لڈن سارا دن اسٹیڈیم میں گذارنے کے بعد اب ظفر کے گھر میں کیا کر رہا ہے۔ ‘‘ خالہ بولتی رہیں۔
’’میں۔ ۔ جاتا ہوں ظفر کے گھر۔ ۔ ۔ ‘‘ میں نے باہر نکلتے ہوئے کہا۔ ظفر کا گھر بھی دو گلی کے بعد ہی تھا۔
ظفر گھر پر ہی تھا اور اسے بھی معلوم نہ تھا کہ لڈن کہاں ہے۔ ظفر نے بتا یا کہ وہ ہم لوگوں سے بچھڑ کر اکیلے رہ جانے کی وجہ سے شرافت سے میچ دیکھتا رہا تھا۔ لڈن کی تلاش میں، میں ظفر کو لیکر امتیاز کے گھر کی طرف چلا۔ ہمیں امید تھی کہ لڈن وہاں ضرور ہو گا۔ کیونکہ امتیاز اور لڈن کی دوستی ہم سب کے مقابلے میں سب سے زیادہ تھی۔ ظفر کا بھی یہی قیاس تھا کہ ہمارے اسٹیڈیم سے چلے آنے کے بعد یقیناً لڈن نے امتیاز کو تلاش کر لیا ہو گا اور پھر دونوں نے خوب تفریح کی ہو گی اور اسی لئے اپنی شرارتوں سے محظوظ ہو نے کے لئے لڈن امتیاز کے گھر چلا گیا ہو گا۔ اور وہیں کھا نا وانا کھا کر وہ لوگ بھی اب ہماری طرف آرہے ہوں گے۔ کہ اپنی کارستانی سے ہم سبھوں پر رعب جما سکیں۔
جب میں اور ظفر، امتیاز کے گھر پہنچے تو پتہ چلا کہ امتیاز بھی اکیلا ہی گھر آیا تھا۔ اور وہ بھی ہم سب سے ملنے، ہماری طرف ہی آ رہا تھا کہ بقیہ لو گوں کی خیر و خبر لے۔ اور کس نے کیا تیر مارا ہے یہ پتہ کیا جائے۔
امتیاز کو لیکر ہم لوگ اس کے گھر سے گلی کے نکڑ پر آ گئے اور ایک گٹر کے ڈھکن کے قریب ہم تینوں بیٹھ گئے اور پھر میں، ظفر اور امتیاز اپنی اپنی روداد ایک دوسرے کو سنانے لگے۔
میں نے ان دونوں کو اسٹیڈیم میں ہو نے والی تمام چھیڑ چھاڑ من و عن بتا دیا۔ ہم تینوں سوچ رہے تھے کہ لڈن کے غائب ہونے میں کہیں اس چھیڑ چھاڑ سے کوئی تعلق نہ ہو۔ میں تو بہت ہی گھبرا رہا تھا۔ چونکہ لڈن ہمارے ساتھ تھا اور چھیڑ چھاڑ کا میں اور میرا بھائی۔ ۔ فقط ہم دونوں ہی گواہ تھے۔
طے یہ ہوا کہ ہم سب واپس لڈن کے گھر چلتے ہیں۔ کیا پتہ اس دوران لڈن واپس آ ہی گیا ہو۔ اور اگر ایساہے تو۔ ۔ ۔ اس سے بہتر بات اور کیا ہو سکتی تھی۔ ۔ ۔ وگر نہ۔ ۔ ۔ ۔ وگرنہ ہمیں ساری بات لڈن کے ابا۔ ۔ یعنی خالو کو بتانی ہو گی۔ یہ کوئی آسان کام نہ تھا۔ بھلا میں لڈن کے ابا کو کیونکر بتا سکتا تھا کہ ہم لڑکیوں کو چھیڑتے رہے ہیں اور اسپر بھی بس نہیں۔ ۔ پولیس والوں کو بھی اپنی چھیڑ چھاڑ کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
منھ لٹکائے، آہستہ آہستہ ہم تینوں لڈن کے گھر واپس آئے۔ خالہ نے ہمیں دیکھتے ہی پھر سوال داغ دیا۔ ۔ ’’کہاں رہ گیا۔ ۔ یہ لڈن ‘‘۔
’’خالہ ! میں نے مری ہوئی آواز میں کہنا شروع کیا۔ ’’ لڈن، میں اور میرا چھو ٹا بھائی ہم تینوں اسٹیڈیم تک تو ساتھ رہے تھے۔ پھر میں نے لڈن کو بہت کہا کہ چلو گھر چلتے ہیں لیکن وہ نہیں مانا۔ مجھے گھر جلدی واپس آنا تھا چونکہ آج میرے ابا گھر پر تھے اور دوپہر کے کھانے پر موجود نہ ہونے کی کوئی وجہ وہ سننے کے لئے ہر گز تیار نہ ہوتے۔ چنانچہ میں اور میرا بھائی لڈن کو چھوڑ کر گھر لوٹ گئے تھے۔ ‘‘
اب میں خالہ کو کیا بتا تا کہ چھیڑ چھاڑ کی وجہ مجھے تو ویسے ہی بھاگنے کی پڑی تھی کہ اب کچھ ہونے والا ہے بھاگ لو۔ ۔ ۔ البتہ یہ بات میں اسٹیڈیم میں لڈن کو اچھی طرح سمجھا نہیں سکا تھا۔
جب میری بات مکمل ہو گئی تو ظفر نے ٹکڑا لگا یا۔ ’’ اور بھی تو بتاؤ۔ ۔ وہاں کیا ہوا تھا۔ ۔ ‘‘ ظفر کی بات سنکر مجھے تو فورََا پیشاب کی حاجت محسوس ہو نے لگی اور میں باتھ روم کی طرف چلا گیا۔ ظفر نے یقیناً بقیہ حالات سے خالہ کو آگاہ کر دیا ہو گا۔ جب میں باتھ روم سے واپس آیا تو خالہ، خالو کے کمرے میں جا چکی تھیں۔ وہ خالو کو تمام رام کہانی سنارہی تھیں۔ عام حالات میں مجھے اپنی امی سے بھی یہی شکوہ ہوا کر تا تھا کہ وہ تمام حالات سے ابو کو آگاہ کر دیتی تھیں اور پھر ابو پو ری طرح سے ایکشن میں آ جا تے۔ مگر آج ہمیشہ کے بر عکس مجھے ڈھارس ہو رہی تھی کہ خالو سب صورتحال جان کر یقیناً لڈن کو تلاش کر لیں گے۔ تھوڑی دیر بعد ہمیں خالو کی گرجدار آواز سنائی دی۔
’’ سہیل ادھر آؤ۔ ۔ امتیاز اور ظفر تم بھی۔ ۔ ۔ ‘‘
خالو کی آواز کیا تھی گویا اسکول میں ہو نے والی پریڈ کی کاشن، رائٹ ٹرن کی آواز پر بندے سیکنڈوں میں سیدھے ہاتھ کو مڑ جا تے اور مارچ کی آواز پر چلنے لگتے۔ سو ہم تینوں چند سیکنڈ بعد خالو کے سامنے مسمی صور ت بنائے تمام واقعات سے انہیں آگاہ کر رہے تھے۔ لڑکیوں کو چھیڑ نے کا قصہ نکال کر میں نے پولیس والوں سے چھیڑ چھاڑ کو ذرا لمبا کر دیا تھا۔
’’ہوں ! تو تم لوگ پولیس والوں سے بھی نہیں گھبراتے‘‘۔ خالو نے ٹھنڈی سانس لیتے ہوئے کہا۔
’’تم لو گوں کی عمر میں لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ تو سمجھ میں آتی ہے لیکن یہ پولیس والے سے تم لو گوں کو کیا بغض تھا۔ ‘‘ وہ بولتے رہے۔
’’اچھا!‘‘ خالو کچھ سوچ کر بولے اور کہیں جانے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے۔ جتنی دیر میں وہ کرتا پہنتے اور پائے جامے کی چنٹیں درست کر تے خالہ نے بڑ بڑا نا شروع کر دیا۔
’’ تم سب کے سب نہایت فسادی ہو۔ میں اسی لئے اس بات کے خلاف ہوں کہ تم سب اکھٹے کہیں جاؤ۔ اب خدا جانے کیا ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ میرا بچہ نہ جانے کن مشکلوں میں گھر ا ہو گا۔ اور تم سب خود صاف نکل آئے۔ ‘‘
’’خا۔ ۔ ۔ خالہ۔ ۔ وہ۔ ۔ وہ ‘‘ میں ہکلا یا۔ ’’ دراصل میں نے تو لڈن سے۔ ۔ کہا۔ ۔ تھا‘‘
میں نے اپنی سفارش پیش کر نی چاہی۔
’’ چپ رہو!‘‘ خالہ نے مجھے ڈانٹا۔ ’’ اچھے دوست ہو تم۔ ۔ ۔ مشکل پڑی تو بھاگ لیے‘‘
’’ارے بھئی۔ ۔ ۔ ‘‘ خالو نے میری طرفداری میں بولنا شروع کیا۔ ’’ وہ بچا را کہہ تو رہا ہے کہ میں نے لڈن کو واپس چلنے کو کہا تھا۔ آخر کو اس کا بھائی بھی تو ساتھ واپس چلا آیا نا۔ اب لڈن صاحب ہیں ہی اتنے بیوقوف تو اس کا سہیل کیا کرے۔ ‘‘
’’چلو تم سب میرے ساتھ!‘‘ خالو نے ہم سب کو مخاطب کیا ’’ڈی ایس پی صاحب کے یہاں چلتے ہیں۔ ‘‘
ڈی ایس پی صاحب بھی ہمارے محلے ہی میں رہتے تھے اور ہم سب ا ن سے اچھی طرح سے واقف تھے۔ ان کے اور لڈن کے گھر والوں میں کافی اچھی دوستی تھی۔
درحقیقت ہم لو گ بھی انہیں آصف چچا کہتے تھے۔ اور پولیس والوں سے چھیڑ چھاڑ کی ہمت بھی ہمیں ان ہی کی وجہ سے تھی۔ ہم سوچتے تھے کہ گڑبڑ ہوئی تو وہ ہمیں صاف بچا لیں گے۔ میری سمجھ میں یہ نہیں آ رہا تھا کہ اگر لڈن کو کسی پولیس والے سے کوئی مسلۂ پیش آ گیا تھا تو اس نے اپنی گلو خلاصی کے لئے آصف چچا کا حوالہ کیوں نہیں دیا۔ ۔ ۔ ۔ اور اگر اس نے ان کا حوالہ دیا تھا تو وہ کون سے لوگ تھے جو اس کے باوجود لڈن کو ساتھ لے گئے تھے۔ ۔ ۔ انہی شش وپنچ میں راستہ کٹا اور ہم لوگ ڈی ایس پی کے گھر پہنچ گئے۔ ڈی ایس پی صاحب نے ساری کتھا سنی اور پھر فورََا ہی فون گھمانا شروع کر دیا۔ سب سے پہلے انہوں نے اپنے دفتر فون کیا اور لڈن کا حلیہ حبشہ بتایا اور بتایا کہ وہ اسٹیڈیم سے گھر نہیں آیا ہے۔
پھر انہوں نے قریبی تھانے فون گھمایا اور ڈیوٹی افسر کو ساری تفصیلات دی۔
ڈی ایس پی صاحب لڈن کو بہت چاہتے تھے۔ وہ مجھے اور لڈن کو اکثر کہتے۔ ۔ ’’آؤ تم دونوں بھی پولیس میں بھرتی ہو جاؤ۔ ۔ مزے کرو گے۔ ۔ ‘‘مگر ہم لوگوں کے رجحانات کچھ اور تھے اس لئے ہم کبھی ان کی بات پر دھیان ہی نہ دیا تھا۔
’’اچھا !‘‘ تھوڑی دیر بعد جب ڈی ایس پی صاحب ٹیلیفون وغیرہ سے فارغ ہوئے تو متفکر لہجے میں بولے۔ ’’ جاؤ تم لو گ لڈن کی امی کے پاس جاؤ اور حسینہ چچی کو بھی لے جاؤ اور ان کو ڈھارس دو، مجھے معلوم ہے وہ بچاری تو بالکل ہی نڈھال ہو رہی ہوں گی۔ ‘‘
اور پھر بولے۔ ’’ میں جاتا ہوں۔ ۔ دفتر۔ ۔ دیکھتا ہوں کہ کیا کر سکتا ہوں ‘‘۔
ڈرائیور کو گاڑی نکالنے کا کہہ کر وہ گھر کے اندر چلے گئے۔ ۔ ۔ کپڑے بدلنے۔
پانچ منٹ بعد ہی ہم لوگ خالہ۔ ۔ ۔ لڈن کی امی کے پاس بیٹھے تھے اور ڈی ایس پی صاحب جیپ میں بیٹھ کر اپنے دفتر جا چکے تھے۔
خالہ کی حالت خراب ہو رہی تھی۔ تاہم انہیں ڈھارس تھی کہ ڈی ایس پی صاحب جلد ہی لڈن کا پتہ چلا لیں گے۔ ۔ ۔
لڈن کو غائب ہوئے دو دن گزر چکے تھے۔ ۔ ۔ اور اس کا کوئی پتہ نہ تھا۔
ڈی ایس پی صاحب نے دن رات ایک کر دیا تھا مگر نہ جانے لڈن کہاں تھا۔
خالہ کی حالت نہایت غیر ہو چکی تھی۔ انہیں بے ہو شی کے دورے پڑ رہے تھے۔ انہوں نے کھا ناپینا بھی چھوڑ رکھا تھا۔ ایک ڈاکٹر آتا اور ان کی دیکھ بھال کر تا۔
وہ جب بھی ہوش میں آتیں۔ ۔ لڈن کا پو چھتیں اور پھر بے ہوش ہو جاتیں۔ سارے گھر میں کہرام مچا ہوا تھا۔
لڈن اپنے محلے میں بھی بہت ہر دل عزیز تھا۔ یہی وجہ تھی کہ محلے بھر کے لوگ آ۔ ۔ آ کر اس کی خیریت معلوم کر رہے تھے۔ محلے کی خواتینوں نے تو لڈ ن کے گھر ڈیرا ہی جما لیا تھا۔ اور گھر سامنے مرد حضرات پلنگ اور کرسیوں پر براجمان تھے۔ ہر کوئی اپنے خد شات اپنے اندازے کے مطابق سنا رہا تھا۔ کوئی پرانے واقعات سنا رہا تھا۔ جمع تو سارے لوگ ہمدردی دکھانے کے لئے ہوئے تھے، مگر باتیں سبھوں کی دہلا دینے والی تھیں۔ ایسے میں کیا خاک کسی کی دلجوئی ہوتی ان سب باتوں سے ہولناکیاں اور زیادہ بڑھ رہیں تھیں اور خوف کے سائے تیزی سے پھیل رہے تھے۔
لڈن کو غائب ہوئے کئی دن گزر گئے۔ ۔ ۔ ۔
ڈی ایس پی صاحب بھی اس کی پرسرار گمشدگی کی وجہ بتانے سے قاصر تھے۔ ان کہنا تھا کہ اگر لڈن شہر کے کسی بھی تھانے میں بند ہو تا تو اب تک اس کا پتہ چل جانا یقینی تھا۔ ۔ ۔ ایسا ہو نہیں سکتا تھا کہ کسی بھی برانچ کے کسی بھی تھانے میں لڈن کو بند رکھا جائے اور وہ اپنے ذرائع سے معلوم کر نے سے قاصر رہیں۔
وہ کہتے تھے کہ نہایت حساس قسم کے جرم میں ملوث افراد یا فوج کی تحویل میں لئے جانے والے افراد کو چھڑانا مشکل یا کبھی ناممکن ہو جا تا ہے لیکن پتہ ان کا چل جاتا کہ وہ کہاں اور کس کی تحویل میں ہیں۔ اسی طرح شہر کے کسی بھی اسپتال سے بھی لڈن کی بابت کوئی اطلاع نہ مل سکی۔
لڈن کو لگتا تھا جیسے آسمان کھا گیا ہو یا زمین نگل گئی ہو۔ ڈی ایس پی صاحب اپنے طور پر دوسرے شہر سے بھی پتہ کروا رہے تھے مگر دوسرے شہر سے پتہ کروانا خاصا مشکل کام تھا۔
دن۔ ۔ ۔ ہفتوں میں۔ ۔ اور ہفتے مہینوں میں بدلتے گئے۔ لڈن کا کچھ پتہ نہ چلا۔ ۔ ۔
لڈن کی امی کی حالت پاگلوں کی سی ہو کر رہ گئی تھی۔ ۔ ۔ انہیں نفسیاتی علاج کے اسپتال، علاج کی غرض سے لے جایا گیا۔ لڈن کے ابا نہایت گم سم رہنے لگے۔ ۔
ایک دوست کے یوں۔ ۔ اچانک۔ ۔ غائب ہو جانے سے سب کچھ بدل گیا۔ ہمارے دوستوں، محلے کے ملنے ملانے والوں اور رشتہ دار جو پاس پڑوس میں رہتے تھے سبھوں نے آنا جا نا اور ملنا جلنا کم کر دیا۔ ۔ ۔ سب۔ ۔ کچھ اس طرح بکھر گیا تھا جیسے کوئی مالا ٹوٹ گئی اور اس کے دانے ادھر ادھر بکھر گئے ہوں۔ ہماری دوستی کو نظر لگ گئی تھی۔ اب ہم تمام دوست ایک دوسرے سے کترانے لگے تھے۔ ہر کوئی دوسرے پر ایسے شک کر تا جیسے لڈن کے غائب ہونے میں اس کا کوئی ہاتھ ہو۔ یا شاید اسے کچھ زیادہ پتہ ہو مگر وہ دوسرے کو شریکِ راز کر نے گھبرا تا ہو۔
میں اسی محلے پیدا ہوا تھا۔ ۔ ۔ ۔ میرا بچپن اور لڑکپن یہیں گزار تھا۔ ۔ ۔ ۔ پاس پڑوس کے گھروں میں آنا جا ناتھا۔ ۔ ۔ محلے میں خالہ، خالو، چچا چچی جیسے ا ن گنت رشتے دار تھے اور ان سارے رشتوں کی بڑی اہمیت تھی۔ سارے لڑکے لڑکیاں ایک دوسر ے کو جانتے تھے۔ کئی لڑکے ایک دوسرے کے جگری یار تھے۔ لڑکیاں آپس میں سہیلیاں تھیں۔ نو جوانی میں قدم رکھتے لڑکے لڑکیاں ایک دوسروں کو اچھے بھی لگنے لگے تھے۔ کسی کا چپ چاپ کسی سے معاشقہ بھی چل رہا تھا غرضیکہ محلے میں ایک سکون تھا۔ ۔ ہم آہنگی تھی۔ ۔ ۔ جو لڈ ن کے غائب ہونے سے ایکدم ختم ہو گیا۔ ۔ ۔ اور یہ محلہ اب نہایت بدلا بدلاسا لگنے لگا۔ حالانکہ زندگی اپنے ڈھرے پر چل ہی رہی تھی۔ ۔ ۔ اور نہایت خاموشی سے روز مرہ کے معمولات پہلے جیسے چل رہے تھے۔ ۔ اور اس کے باوجود کچھ بھی پہلے جیسا نہ تھا۔
تقریباً سال بھر کی بھاگ دوڑ اور تلاشِ بسیار سے لوگ عاجز آ چکے تھے۔ لڈن کے والدین تو اس موضوع پر گفتگو ہی نہ کرتے تھے۔
میرا بہت قریبی دوست گم ہو چکا تھا۔ جسکا مجھے صدمہ تھا۔ سال بھر کے بعد، میں بھاگ دوڑ کر قبرص کی ایک یونیورسٹی میں داخلہ لینے میں کامیاب ہو گیا اور پھر میں قبرص چلا گیا۔
سال دو سال بعد جب بھی وطن واپس آتا تو معلوم ہوتا کہ لڈن اب بھی لا پتہ ہے۔
پھر میرے والدین اس علاقے سے دوسری جگہ منتقل ہو گئے۔ ان کی طرح اور بھی کئی لوگ وہاں سے ہٹ گئے۔ اور محلہ تیزی سے تتر بتر ہو تا چلا گیا۔
نائن الیون کے سانحہ کے بعد ہم لو گوں نے اپنے ملک بھی جا نا بھی کم کر دیا۔ بچے بڑے ہو گئے ذمہ داریاں بڑھ گئیں۔
تقریباً آٹھ سال بعد۔ ۔ ۔ ۔ نائن الیون گزرنے کے سات سال بعد جب میں وطن آیا تو پتہ چلا کہ لڈن آیا ہوا ہے۔
یہ سن کر میں تو حیرت کے سمندر میں غوطے کھا نے لگا۔ بھلا اتنے سالوں بعد لڈن کہاں سے آ گیا۔ لڈن اتنے سال کہاں رہا۔ ۔ ۔ لڈن اب کہاں رہ رہا ہے۔ ۔ ۔ یہ وہ سارے سوالات تھے جو لڈن کے نام کے ساتھ ہی میرے ذہن میں کلبلانے لگے۔
مجھے معلوم تھا کہ اس عرصے میں جبکہ لڈن غائب تھا۔ ۔ ۔ اس کے والدین دنیا سے سدھار چکے تھے۔ ۔ ۔ لڈن سے ملنا بھی آسان کام نہ تھا۔ ۔ ۔ کیونکہ کوئی بھی مجھے بغیر کوئی وجہ بتائے اس کے پاس لے چلنے کو تیا ر نہ تھا۔ اور میں پردیسی اب اس شہر میں اکیلا گھوم پھر نہیں سکتا تھا۔ ۔ ۔ اس شہر کا تو حلیہ ہی بدل چکا تھا۔
بڑی مشکلوں کے بعد لڈن سے ملنے کی صورت بنی۔ ۔ ۔ جب میں لڈن سے ملا تو حیران رہ گیا۔ ۔ ۔ بڑے بڑے بالوں اور لمبی لمبی داڑھی میں چھپا لڈن انسان سے زیادہ ریچھ لگ رہا تھا۔ وقت اور حالات نے ہم دونوں ہی کے حلیے کو یکسر بد ل دیا تھا۔ لیکن لڈن کی ظاہری حالت بتا رہی تھی کہ اس نے وقت کی لائی تبدیل کو اپنے اوپر کسی خلاف کی طرح چڑھا لیا تھا۔ اس نے کو ئی کوشش نہ کی تھی کہ انسان بڑھتی عمر سے آ نے والی تبدیلیوں کو لباس تراش خراش، داڑھی مونڈھنے، بالوں کو سنوارنے کی مدد سے اپنے مزاج کے موافق ڈھالے۔
لڈن سے مل کر میں اسے دیکھتا ہی رہ گیا۔ گر میں آگے بڑھ کر اس سے نہ ملتا تو شاید وہ مجھے پہچانتا بھی نہیں۔ یا پھر یہ تبدیلی بھی وقت نے اس پر طاری کر دی تھی کہ وہ کسی کو آگے بڑھ کر معانقہ بھی کر نا بھول گیا تھا۔
’’یار لڈن۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘میں نے اسے دبوچتے ہوئے پوچھا۔ ۔ ’’تو نے کیا حالت بنا رکھی ؟ کہاں چلا گیا تھا یار تو۔ ۔ ۔ ‘‘
’’صبر صبر میر ے یار!‘‘ لڈن نے پہلی بار لب کھولا۔
’’بیٹھو! پھر ساری کہانی سن لینا۔ اور اپنی کہو‘‘۔
میں بیٹھ گیا۔ میں نے لڈن کو اپنے بارے میں بتا نے لگا۔ ’’تعلیم مکمل ہو گئی۔ شادی کر لی۔ ۔ بچے ہو گئے ۔ ۔ بچے بڑے بھی ہو گئے۔ ۔ بس اب تو صبح سے شام تک نوکری کر نا ہی ہماری مشغولیت ہے۔ ‘‘
’’ پر یار تو بتا۔ ۔ تو کہاں تھا۔ ۔ ۔ ‘‘ میں اپنی بے صبری نہ چھپا سکا اور اصل موضوع کی طرف آ گیا۔
میں جتنا بے صبر ہو رہا تھا لڈن اتنا ہی پر سکون نظر آ رہا تھا۔
’’اچھا یہ بتاؤ! اس نے دھیرے سے پو چھا ’’کہاں سے سننا چاہتے ہو میری کہانی۔ ‘‘
’’لگتا ہے تم اپنی کہانی بہت دفعہ سنا چکے ہو۔ اسی لئے اتنے آرام سے بیٹھے ہو ‘‘ میں نے کہا۔
’’ ہاں بھئی!۔ ۔ ۔ جن حالات سے گزرا ہوں اس کی کہانی بار بار دھرانے کے باوجود نہ کبھی کسی نے اسے غور سے سنا اور نہ کسی نے اس پر یقین کیا۔ اسی لئے اپنی کہانی سنانے سے ذرا کترا تا ہوں !‘‘ لڈن نے کہا۔
’’اچھا! میں حیرانی سے بولا۔ ’’کس کس کو تم اپنی کہانی سناچکے ہو۔ اور یقین۔ ۔ یقین کوئی کیوں نہیں کر تا‘‘۔
’’ اس بات کو چھوڑو۔ ۔ ۔ ۔ اچھا تو سنو ‘‘۔ ۔ ۔ لڈن نے کہا اور پھر اپنی کہانی وہیں سے سنانا شروع کی جہاں سے وہ ہم سے بچھڑ گیا تھا۔
’’اسٹیڈیم سے تمہارے جانے کے بعد بھی میں چھیڑ چھاڑ میں لگا رہا۔ البتہ پولیس والوں کو چھوڑ کر میں ایک لڑکی کے پیچھے پڑ گیا۔ لیکن وہ لڑکی بھی خوب تھی اس نے میری خوب حوصلہ افزائی کی اور بلآخر مجھے اسٹیڈیم سے باہر آنے پر تیار کر لیا۔
گیٹ پر جب وہ مجھے ملی تو میں نے دیکھا کہ وہ دور سے مجھے جتنی خوبصورت نظر آ رہی تھی اس سے کہیں زیادہ حسین تھی۔
مجھ سے کہنے لگی۔ ’’ چلو میں تمہیں اپنے گھر لے چلتی ہوں ‘‘۔ گھر جانے کا سنکر میرے حواس گم ہو گئے۔ میں سمجھ گیا کہ اب وہ مجھے اپنے بھائیوں سے پٹوائے گی۔
میں نے اس سے کہا کہ ’’ چلو قریبی رستوراں میں کھا نا کھانے چلتے ہیں۔ ‘‘
وہ یوں تیار ہو گئی کہ جیسے کوئی بات ہی نہ ہو۔ کھانا وانا کھانے کے بعد ہم دونوں یوں گھل مل گئے جیسے ہم ایک دوسرے کو برسوں سے جانتے ہوں۔ کھانے کے بعد اس نے اصرار کیا کہ میں اس کے گھر چلوں۔ اب میرے دل سے اس کے بھائیوں کا خوف بھی نکل چکا تھا۔ دراصل اس کے بھائی تھے ہی نہیں۔ اور اس نے بتا یا کہ وہ صرف اپنے ابا کے ساتھ رہتی تھی۔ اور اس کے بقول اس کے ابا اس کی ایسی کسی ملاقات کو نا پسند کر نے کی بجائے اس کی حوصلہ افزائی کریں گے اور پھر اس نے یہ کہہ کر مجھے قائل کر لیا کہ وہ اپنی ہر بات اپنے والد کو علم میں لا کر ہی کر تی ہے۔ اور یہ کہ وہ مجھے اپنے ابا سے ملوانا چاہتی ہے۔
لیکن جب میں اس کے گھر پہنچا تو پریشان ہو گیا۔ اس کے ابا کیا تھے، محلے کی مسجد کے مولوی صاحب، لمبی زلفیں، لمبی داڑھی، ٹخنے سے اونچا پائیجامہ پہنے، کاندھے پر رومال۔ ایسے مذہبی نظر آنے والے انسان کی اتنی ماڈرن بیٹی میں نے دل سوچا۔ ۔ ۔ اور سمجھ گیا کہ اب بالکل ہی خیریت نہیں۔ ۔ ۔
اس کے ابا میری توقع کے خلاف مجھ سے نہایت اچھی طرح سے پیش آئے۔ وہ مجھ سے باتیں کر نے لگے اور۔ ۔ ۔ نو شین۔ ۔ ۔ ہاں یہی نام تھا اس کا۔ ۔ ۔ نوشین اندر چلی گئی چائے بنانے۔
اور پھر۔ ۔ ۔ اس کے مولوی صاحب نما ابا نے مجھ پر حیرت کے پہاڑ توڑ دیئے۔ ۔ ۔
’’ بیٹا! تم دونوں جوان ہو اور یوں بے تکلفی سے دو نوجوانوں کا ملاپ ہمارے مذہب کی تعلیم کے بر خلاف ہے۔ تاہم اگر تم نوشین سے نکاح کر لو تو ساری باتیں جائز ہیں۔ ‘‘ نوشین کے ابا بولے۔
’’مم۔ ۔ مگر ‘‘ میں ہکلایا۔ ’’ میں اپنے والدین کو آپ سے ملواتا ہوں پھر جیسا آپ لوگ طے کریں۔ ‘‘
درحقیقت میں نوشین کی زلفوں کا اسیر ہو چکا تھا۔ ان چند گھنٹوں میں ہم بہت قریب آ چکے تھے۔ نوشین نہایت بے باک لڑکی تھی۔ اور اس کی اداؤں نے مجھے بالکل ہی موم کر دیا تھا۔
لیکن وہیں بیٹھے بیٹھے نکاح کر لینا۔ ۔ ۔ ایسا میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔
’’تمہاری مرضی‘‘۔ ۔ ۔ نوشین کے ابا بولے۔
’’ملنا جلنا تم لوگ تب ہی کر سکتے ہو جب تم دونوں کا نکاح ہو جائے۔
’’ اور۔ ۔ اور میں نے لڈن کی بات کاٹی۔ ۔ ۔ وہ جو یوں اسٹیڈیم میں پھر رہی تھی اور تمہیں پھنسا کر لے آئی تھی۔ ۔ وہ سب جائز تھا کیا؟
’’ارے یار۔ ۔ ۔ ‘‘ لڈن نے میری مداخلت پر انتہائی نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔
’’جو ہونی تھی سو ہوئی۔ ۔ ۔ اور پھر لڈن نے کہانی آگے بڑھائی۔
’’ خیر میں تو دوسر ے دن کا کہہ کر چلا آتا۔ مگر پھر نوشین چائے لیکر آ گئی۔ اسی دوران ٹیلی فون بجنے لگا اور اس کے ابا اٹھ کر دوسرے کمرے میں ٹیلی فون سننے چلے گئے۔ اور نوشین تو لگتا تھا کہ مجھ میں گھسی چلی آ رہی ہو۔ کچھ دیر بعد اس کے ابا جب کمرے میں واپس آئے تو ا س وقت میرے اوسان خطا ہو رہے تھے۔ یا نوشین کا نشہ تھا یا اس کی چائے کا اس بات کا مجھے آج تک پتہ چل نہ سکا۔ مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ نو شین کے ابا نے ہم دونوں کا نکاح اسی وقت پڑھا دیا۔ پڑوس سے دو افراد گواہ کے طور پر بھی آ گئے اور یوں میں سبھوں کو بھلا کر اپنی نئی نویلی دلہن کے ساتھ سہاگ رات منا نے میں لگ گیا۔
یقین کرو میرے دوست یہ نشہ ایک دو دن کا نہیں تھا۔ ۔ ۔ شاید میں ایک ہفتے اسی گھر میں مقیم رہا۔ مجھے تو کچھ پتہ نہ تھا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔ نوشین برابر میرے آرام کا خیال رکھ رہی تھی۔ اور ہم نوبیاہتا جوڑے کی مانند وقت سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ پھر ایک دن شام کو نوشین جانے کہاں سے دو ہوائی ٹکٹ لے آئی اور کہنے لگی۔ ’’ہم لوگ ہنی مون منانے سوات جا رہے ہیں۔ ‘‘
میں حیران تو ہوا مگر میرے اندر سوال و جواب کی ہمت نہیں رہی تھی۔ میں ہر وقت تھکا تھکا محسوس کر تا۔ دن بھر سوتا رہتا۔ بھوک لگتی تو اٹھتا، کھا تا پیتا اور جتنی دیر جاگتا رہتا نوشین پورے انہماک سے میری دلجوئی کرتی۔ ایسی ایسی اٹکھیلیاں کرتی کہ ہم پھر سے ایک دوسرے میں مدغم ہو جاتے اور تھک تھکا کر سو جاتے۔ میں تو سوتا ہی رہتا مگر وہ نہا دھو کر تیار ہو کر کمرے سے باہر چلی جاتی۔ مجھے کبھی معلوم بھی نہ ہو تا کہ وہ کیا کر رہی ہے یا کہاں جا رہی ہے۔ کبھی وہ بتاتی کہ وہ کھا نا پکا رہی تھی۔ ۔ ۔ کبھی وہ خریداری کے لئے گئی ہوئی ہوتی۔ ۔ ۔ ۔ نہ کمرے میں کوئی آتا نہ مجھے کمرے سے باہر جانے کی ضرورت ہو تی۔ مجھے یہ بھی معلوم نہ تھا کہ گھر میں میرے اور نو شین کے علاوہ کو ئی اور بھی مو جو د تھا یا نہیں۔
ایک ہفتے بعد ہم لوگ سوات چلے گئے۔
سوات میں ہم لوگ ایک سرائے میں ٹھہرے۔ ۔ ۔ بعد میں پتہ چلا کہ یہ سرائے نہیں ہے بلکہ یہاں ایک فیملی بھی رہتی ہے۔
ہنی مون تو جو ہونا تھا۔ ۔ وہ کراچی میں ہو چکا تھا۔ یہاں آ کر تو میں نو شین کے ابا جیسے بہت سارے مردوں میں گھر کر رہ گیا تھا۔ نوشین تو مجھے کم کم ہی نظر آتی۔ گھر سے ملحقہ مسجد تھی۔ مجھے بھی پانچ وقت کی نماز پڑھنی پڑتی۔ داڑھی مونڈنے سے مجھے روک دیا گیا۔ اور یوں میں بھی باریش ہو تا گیا۔ ہفتہ دس دن بعد مجھے مدرسے میں دوسرے مردوں کے ساتھ دینی تعلیم دی جا نے لگی۔ نوشین مجھ سے بالکل بچھڑ چکی تھی۔ اور۔ ۔ شاید۔ ۔ ۔ نہیں بلکہ یقیناً وہ مجھے اس کیمپ تک پہنچا کر اپنی ذمہ داری پو ری کر چکی تھی۔ ۔ ۔ یہ عقدہ بھی مجھ پر اس عقدِ جبر کے بہت عرصے بعد کھلا۔
اس کے بعد میری عسکری تربیت شروع ہو گئی۔
مجھ پر چڑھا نشہ اتر چکا تھا۔ ۔ ۔ اور میری آنکھیں کھل چکی تھیں۔ ۔ ۔ میرے ساتھ ایک زبر دست دھوکہ ہوا تھا۔ ۔ مجھے اس کا پتہ جب چلا جب میں مکمل طور پر پھنس چکا تھا۔
کیمپ کی تربیت کے چند مہینوں بعد مجھے کابل اور پھر قندھار پہنچا دیا گیا۔ اور پھر میں ان بہت سارے رضا کار اور جبری جہادیوں کے گروہ میں شامل، جہاد میں مصروف ہو گیا۔
ایک مقام سے دوسرے مقام جانا۔ ۔ ۔ دن کو چھپنا۔ ۔ ۔ رات کو مورچے پر جانا۔ ۔ ۔ بھاگم دوڑ۔ ۔ ۔ پہاڑ کی کھوہ میں رہنا۔ ۔ ۔ سب کچھ میرا معمول بن چکا تھا۔ ۔ اور پھر اچانک ایک دن ہمارا گروہ نارتھ الائینز کے ہاتھوں شکست کھا کر قید کر لیا گیا۔ چند ہفتوں بعد ہمیں سفید فوجیوں نے اس کمرے نما جیل سے نکالا۔ ۔ ۔ اور پھر ہمیں پتہ چلا کہ ہم امریکیوں کے قید میں ہیں۔ ۔ ۔ ۔
ہوتے ہوتے ہم سب ایک نا معلوم مقام پہنچا دیئے گئے۔ ۔
سات سال تک مجھے معلوم نہ تھا کہ میں کہاں ہوں۔ ۔ ۔ ۔ میرے اور میرے جیسے دوسرے قیدیوں کے لئے صرف دن اور رات کا فرق باقی تھا۔ ورنہ دنیا اور دنیا کے حالات، دنیا کی خبریں سب کچھ ہمارے لئے نامانوس تھیں۔ ۔ ۔ ۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ میں دنیا کے کس حصے میں مقید ہوں۔ ۔ ۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ دنیا باقی بھی ہے یا قیامت آ چکی ہے۔ میرے لئے تو کم از کم قیامت آ چکی تھی۔
عقوبت خانے کے روز و شب۔ ۔ ۔ اذیت گاہوں کے حا لات اور قید و بند میں ظلم و ستم اور ان کی تفصیلات تم نے ضرور اخباروں میں پڑھا ہو گا۔
آزادی پا کر، واپس آنے کے بعد میں نے انٹر نیٹ پر پرانے اخبارات دیکھے ہیں۔ اور آہستہ آہستہ لا علمی کے بادل چھٹ رہے ہیں۔ اور میں اپنے ان گمشدہ دنوں کو پھر سے ذہن میں اتار رہا ہوں۔ میرے خالی ذہن میں آہستہ آہستہ تصویر اور ان تصویروں میں رنگ بھر نے شروع ہو گئے ہیں۔ ۔ ۔ ۔
اب گوانتاناموں کا نام۔ ۔ ۔ میرے لئے عفریت کی طرح میرے اعصاب پر طاری ہے۔ گوانتا ناموں کے خار دار تاروں کی باڑ کے پیچھے سے نکال کر مجھے پشاور پہنچا دیا گیا۔ ۔ ۔ پشاور میں پاکستانی فوجیوں نے مجھ سے از سرِنو پوچھ کچھ کی۔ ۔ ۔ تمام واقعات ریکارڈ کیا۔ ۔ میرے بتائے ہوئے تمام پتے۔ ۔ اسکول کالج ہر چیز کی تحقیق کر نے کے بعد مجھے رہا کر دیا گیا۔ ۔ ۔ ۔ میں اپنے شہر واپس آ گیا۔ ۔ ۔
اپنے محلے میں جہاں ہم لوگ رہتے تھے وہاں اب سوات میں واقع مدرسے جیسے کئی مدارس کھل گئے ہیں۔ وہ محلہ ہی اجڑ گیا ہے جسے میں چھوڑ کر گیا تھا۔ جیسے کسی انقلاب کے بعد نئے لوگ آ کر بس گئے ہوں۔ ۔ اماں اور ابا مجھے چھوڑ کر ملکِ عدم جا چکے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ کئی ایک رشتہ داروں نے مجھ سے منھ موڑ لیا ہے۔ ۔ ۔ انکا خیال ہے کہ خفیہ ادارے میری اب بھی نگرانی کر رہے ہیں۔ ۔ ۔ اور میرے ذریعہ ان گرہوں کو پکڑ نا چاہتے ہیں جنہوں نے مجھے جہاد پر بھیجا تھا اور مجھ جیسے نو جوانوں کو آج بھی جہاد پر بھیج رہے ہیں۔
۔ ۔ ۔ ’’ارے ہاں۔ ۔ ‘‘ لڈن پھر چونک کر بولا۔ ’’ تمہیں بھی مجھ سے نہ ملنا چاہئے۔ ۔ ۔ کیوں کہ اس طرح تم بھی کسی مصیبت میں پڑ سکتے ہو۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ آخ۔ ۔ ۔ فضول۔ ۔ ۔ ایسا کچھ نہ ہو گا۔ ۔ ‘‘
’’ ہاں تمہاری بات اور ہے۔ ۔ میں مذاقاً لڈن کو چھیڑ ا۔ ۔ ۔ ایسا کسی زلف کے اسیر ہوئے کہ فر ہاد کی طرح دودھ کی نہر نکالنے کھڑے ہو گئے۔ ۔ ‘‘
’’ہشت۔ ۔ ۔ ‘‘ لڈن زچ ہو کر بولا
’’زلف تو سوات پہنچتے ہی کٹ گئی تھی۔ ۔ ۔ ‘‘
’’زلف کٹ نہیں گئی بلکہ۔ ۔ ۔ سوات پہنچتے ہی اگ آئی تھی کہو۔ ۔ ۔ ‘‘ میں نے ایک بار پھر لڈن پر طنز کیا۔ ۔ ۔
اور وہ مجھے مارنے کو دوڑا۔ ۔ ۔ ۔
٭٭٭

الماری

خورشید عالم آرا

’’بس اب اس الماری کو بھی گیلری میں ڈال دیں، کباڑی کو دے دیں گے ‘‘۔ یہ اس کی بہو کی آواز تھی جو اس کی جان سے عزیز الماری کو کمرے سے نکالنے کی بات کر رہی تھی کباری کو دینے کی بات کر رہی تھی۔ اُسے ایسا لگا جیسے بہو نے اُسے کمرے سے نکالنے اور کباڑی کو دے دینے کی بات کی ہو۔ الماری کی جدائی سوچ کر ہی اس کا دل خون ہو رہا تھا۔ مگر اب وہ اِن ہی کے ہاتھوں میں تھی اُس نے سوچا یہ نئی نسل نئی سوچ پرانی چاہتوں اور جذبوں سے بالکل بے بہرہ سی تھی بلکہ قہقہوں میں اُڑا دیتی ہے کہ یہ جذبے یہ چاہتیں ان کے نزدیک ایک تجارتی جنس ہیں جن کو فائدے اور مصلحتوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ جبکہ اُس کے زمانے میں یہ جذبے یہ چاہتیں یہ محبتیں انتہائی پاکیزہ خلوص و محبت کی آئنہ دار تھیں۔ سرمایہ تھیں زندگیوں کا، وہ اپنی اوٹ پٹانگ سوچ پر خود ہی غصہ ہوئی، بھلا کہاں الماری کہاں یہ باتیں،
وہ یادوں میں کھو گئی جب اُس کی شادی ہوئی تھی ماں باپ غریب تھے، لیکن اُسے تعلیم دلوائی تھی ایک بھائی تھا ایک بہن باپ ہمیشہ خود بھی بہت خود دار رہا اور اولاد کو بھی یہ ہی تربیت دی، اُس کی شادی ہوئی تو ابّا نے اُسے جہیز میں ایک الماری بھی دی تھی اور شادی کے بعد اُس نے پہلی دفعہ صندوق کی جگہ الماری میں اپنے کپڑے رکھے تھے۔ وہ اس قدر خوش تھی کہ کوئی حد نہیں، وہ اپنی ہر پسندیدہ چیز الماری میں رکھتی جب اُسے تالہ لگاتی تو اُسے لگتا وہ کوئی مہا رانی ہے جس کے پاس خزانے کی چابی ہے۔ اُس نے الماری کے خانے بانٹ لئے ایک چھوٹے خانے میں گھر سے آئے خط رکھتی۔ کیونکہ وہ شادی ہو کر نئے شہر آ گئی تھی سب سے دور۔ وہ ہر ماہ باقاعدگی سے اپنی الماری صاف کرتی اسے ایسا لگتا کہ بس الماری ہی اس کی دوست ہے شوہر سخت مزاج تھے اپنے کام سے کام رکھتے زیادہ ملنا جلنا بھی نہیں تھا۔ جب وہ الماری صاف کرتی تو ابا کے لکھے خط پڑھتی ہنستی پھر انہیں خط لکھنے بیٹھ جاتی۔ اماں کی باتیں پڑھ کر بے اختیار آنکھیں بھیگ جاتیں۔ وہ خطوں کو انتہائی عقیدت سے واپس رکھ دیتی۔ چھوٹی بہن کا خط اماں کی شکایتوں سے بھرا ہوتا، بھائی سے جھگڑوں کی تفصیل ہوتی اور وہ تھوڑی دیر کو اپنوں ہی میں پہنچ جاتی۔ شوہر کی نوکری کافی سخت تھی وہ رات گئے گھر لوٹتے۔ اس کا خیال رکھتے مگر بس واجبی سا اُن کا کوئی قریبی رشتے دار نہ تھا نہ ماں باپ نہ بھائی بہن، اس لئے شاید وہ کچھ کھُر درے سے تھے مگر وہ اپنی دنیا میں مست ہو گئی۔ پھر سب سے پہلا تحفہ جو اُس نے اپنی الماری میں بڑے چاؤ سے رکھا وہ شوہر کا دیا ہوا ایک موتیوں کا ہار تھا اور ایک پرس۔ یہ اسے اپنی جان سے زیادہ عزیز تھا کیونکہ یہ اس کے شوہر کی طرف سے پہلا تحفہ تھا۔ زندگی گزر رہی تھی کہ اُسے اپنے اندر ایک اور ہستی کا احساس ہو اوہ پھولے نہ سمائی۔ یہ اُس کا بیٹا تھا جس نے اُس کے اندر ایک نئی روح ڈال دی تھی اب اس نے الماری کا ایک خانہ اپنے نئے مہمان کے لئے مختص کر لیا اور خوشی خوشی اُس میں موزے سوئٹر اور ٹوپیاں بُن بُن کر رکھنے لگی۔ شوہر بھی خوش تھے کہ وہ باپ بننے والے ہیں وہ جو کچھ لاتے وہ بھی الماری میں رکھا جاتا۔ اور یوں اس کی الماری میں ایک حصے دار آ گیا۔ اُس نے چھوٹے چھوٹے گدّے بنائے تکئے بنائے اور جو کچھ اماں لکھتی رہیں وہ تیار کرتی رہی اور یوں الماری کا یہ خانہ پورا بھر گیا اور وہ ماں بن گئی۔ بیٹے کے آنے سے جہاں گھر کی رونق بڑھی وہیں اس کی الماری بھی افراتفری کا شکار ہونے لگی۔ وہ کوشش کرتی کہ الماری بالکل صاف ستھری اور سیٹ رہے لیکن زیادہ تر بیٹے والا خانہ بے ترتیبی کا شکار ہو جاتا۔ اب اُسے خطوں کے جواب دینے کی فرصت کم ملتی بہن کا شکوہ بڑھتا لیکن وہ جب بھی الماری صاف کرتی پرانے خط ضرور پڑھتی اُسکی تھکن دور ہو جاتی کبھی کبھی آنکھیں بھر آتیں۔ وہ اپنی ڈگری دیکھتی تو کالج پہنچ جاتی، کوئی سرتیفکٹ نظر پڑ جاتا تو اسکول سامنے آ جاتا، اور ایسے میں بیٹے کی آواز اُسے واپس کھینچ لاتی۔ بیٹا بڑا ہوتا گیا اور اس کی الماری تقسیم ہوتی گئی اور بیٹے نے آہستہ آہستہ آدھی الماری اپنے قبضے میں لے لی۔ وہ بہت خوش تھی اب اس کی الماری میں بیٹے کے کپڑے اس کی کتابیں اس کا بستہ سب رکھا جانے لگا۔ اُسے اس تقسیم پر بالکل احتجاج نہیں تھا۔
پھر اماں ابّا ایک ایک کر کے رخصت ہو گئے اور خطوط میں اُن کے دنیا سے جانے کے خطوں کا اضافہ ہو گیا اور یوں ان کے خطوط اب اس کے لئے سرمایہ ہو گئے، بہن اور بھجائی کی شادی ہو گئی وہ اپنے اپنے گھر کے ہو گئے، اُس کی زندگی ایک ڈگر پر چل رہی تھی جس میں اب بیٹے کی کامیابیوں کا اضافہ تھا بیٹا جوان ہو گیا اچھی نوکری مل گئی حالات بہتر ہو گئے۔ اب تھوڑا بڑا گھر لے لیا تاکہ بیٹے کی شادی کر سکیں بیٹے نے سب سے پہلے اماں کی الماری انتہائی احتیاط سے گھر میں شفٹ کرائی کیونکہ اُسے اماں کے الماری سے تعلق کا احساس تھا وہ ان کی محبت محسوس کرتا تھا اس نے بچپن سے اماں کی الماری سے اُنسیت دیکھی تھی۔ بیٹے نے اپنا الماری کا خانہ خالی کر دیا کیونکہ وہ اپنے لئے ایک بڑی الماری لے آیا تھا۔ اُسے تنہائی سی محسوس ہوئی لیکن وہ خوش بھی تھی کہ بیٹے کی اپنی الماری بہت بڑی الماری آ گئی تھی۔ اب اُس کے شوہر بیمار رہنے لگے تو اُس نے اپنے بیٹے کی شادی کر دی تاکہ وہ اس خوشی کو اپنے شوہر کے ساتھ منا سکے۔ بہو گھر آ گئی اُس کے سامان میں بھی الماری تھی لیکن بہت بڑی اور بہت خوبصورت۔ لیکن اُسے اپنی الماری بہت با وقار اور برد بار سی لگتی۔ کچھ عرصے بعد اس کے شوہر نے بھی ساتھ چھوڑ دیا کہ بیماری اب ان کی برداشت سے باہر ہو گئی تھی، اب وہ تنہا سی ہو گئی کام بھی ختم ہوا جو شوہر کے دم سے تھا، وقت بہت لمبا ہو جاتا۔ بیٹا بہو اُس کا خیال رکھتے مگر نہ جانے کیوں بہو کو اس کی الماری سے اللہ واسطے کا بیر ہو گیا۔ اُسے جب موقعہ ملتا وہ بس الماری ہٹانے کی بات کرتی جیسے سب سے فالتو گھر میں وہ الماری ہی تھی۔ لیکن اب تک بیٹا آڑے آ جاتا کیونکہ اسے پتہ تھا کہ اماں کو اپنی الماری سے عشق ہے اور اب تو اس کی الماری میں شوہر کی کچھ چیزوں کا بھی اضافہ ہو گیا تھا جو اس نے نشانی کے طور پر رکھ لی تھیں۔ وہ جب بھی گھبراتی اپنی الماری کھولتی پرانے خط پڑھتی۔ کبھی شوہر کی چیزیں دیکھتی۔ بہو اپنی زندگی میں مست تھی وہ بہت کم اس سے بات کرتی زیادہ تر فون کرتی رہتی یا پنے کمرے میں بند رہتی۔ شوہر آتا تو باہر نکل آتی اور اس کے آگے پیچھے ایسے پھرتی جیسے اُس کا اتنا ہی خیال رکھتی ہے وہ خاموش رہتی کہ جو وقت ہے عزت سے گزار لے۔ اس کی زندگی بس نماز قرآن اور اگر کبھی کوئی آ گیا تو اس سے بات چیت رہ گئی تھی، یا اس کی الماری۔
بیٹے کو کمپنی کی طرف سے گھر ملا تھا وہاں شفٹ ہونا تھا اس لئے بہو نے سب سے پہلے اس کی الماری کو گیلری میں ڈالنے اور کباڑی کو دینے کی بات کی تھی کہ اب یہ الماری بالکل آؤٹ آف فیشن تھی۔ اور ماڈرن گھر میں اس کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔ اب بیٹا بھی چُپ تھا۔ لیکن اس کا دل خون ہو رہا تھا کیونکہ اب وہ الماری کو الوداع کہنے کے علاوہ کچھ نہ کر سکتی تھی۔ اُسے لگا جیسے اُس سے کوئی اُس کی زندگی چھین رہا ہو۔ بیٹے نے کہا اماں اپنی سب چیزیں الماری سے نکال لو وہاں بہت بڑی الماری بنی ہے اس میں رکھ لینا۔ وہ خاموش رہی اُس نے الماری کو خالی کرنا شروع کیا وہ الماری کے ہر خانے پر ہاتھ پھیرتی۔ اُس کا دل نہیں چاہ رہا تھا کہ کچھ بھی خالی کرے اُس کی شادی کے بعد کے پچپن سال اس الماری میں قید تھے اور بہت سی یادیں خطوں کی صورت میں اس میں موجود تھیں۔ بہت سی چاہتیں شوہر کی نشانیوں کی صورت میں اس میں سجی تھیں، وہ اس کے ایک ایک حصے سے جڑی تھی۔ اُسے لگا جیسے الماری بھی اُس سے دور جانے کو تیار نہیں وہ جو خانہ کھولتی اُسے لگتا وہ رو رہا ہے کہ مجھے اپنے سے جدا کیوں کرتی ہو وہ چپکے سے کہتی میں مجبور ہوں تو تو جانتی ہے۔ وہ برے تذبذب کا شکار تھی دل بہت بھاری تھا۔ بس الماری ہی اُس کی ساتھی تھی اور یہ ساتھ بھی چھوٹ رہا تھا۔ اچانک اُسے سینے میں بڑا شدید در د محسوس ہوا۔ اور وہ الماری ہی کے قریب ڈھیر ہو گئی۔ بیٹا اُسے آوازیں دیتا ہوا کمرے میں آیا اور اُسے دیکھ کر خوف زدہ ہو گیا گھبرا گیا ماں کا سر الماری کے خانے میں اس طرح تھا جیسے وہ اُس کی گود میں لیٹی ہو، بیٹے نے جلدی سے اُسے اُٹھایا لیکن اُس کا جسم بالکل ٹھنڈا تھا۔ وہ جا چکی تھی۔ بیٹا بس ایک ہی بات کہہ کر رو رہا تھا اماں میں تمہاری الماری ساتھ لے جاؤنگا، لیکن اماں اس کی یہ بات سننے کو وہاں نہیں تھی۔
٭٭٭

ٹھوکا

جاوید اختر چوہدری

محفل تھی ایک مشاعرے کی جس میں چند ادیب اور شعرا کے علاوہ برمنگھم کے چند دانش ور بھی موجود تھے۔ ارشد عزیز اور قمر چودھری کے ساتھ میری منڈلی الگ تھی۔
ارشد نیو کاسل کے رہنے والے تھے۔ وہ بتا رہے تھے کہ نیو کاسل برطانیہ کے شمال میں واقع ایک بندرگاہ ہے۔ برِصغیر ہندو پاک کے تجارتی بحری جہاز رکتے، سامان اتارتے اور لادتے۔ اسی دوران کچھ ملاح جہاز سے غائب ہو جاتے۔ یہی وجہ ہے کہ اس شہر میں اکثریت پاکستانی اور کشمیری تارکینِ وطن کی ہے۔ اپنے وطن کی یاد تازہ رکھنے کے لئے نیو کاسل میں ہر سال کبڈی اور بینی( کلائی پکڑنے) کے مقابلے ہوتے تھے۔ اب پچھلے چند برسوں سے ’’فروغِ اردو ادب‘‘ نیو کاسل نے مقامی کونسل کے تعاون سے مشاعرے منعقد کرانے شروع کر دئے ہیں۔
ارشد کی بات ابھی پوری نہیں ہوئی تھی کہ قمر نے ٹوکا۔
’’ یار آپ نیو کاسل کے محنت کشوں کی کہانی ختم کریں تو میں آپ کو میرے شہر جہلم کے ایک بڑھئی کا قصہ سناؤں۔
جہلم کا نام آیا تو میں ہمہ تن گوش ہو گیا۔ ارشد بھی متوجہ ہو گئے۔
قمر کہنے لگے کہ امام بخش جہلم شہر میں ایک بڑھئی تھا۔ وہ ایمان دار صاف گو اور رزقِ حلال کمانے کے لئے مشہور تھا۔ شہر کے لوگ اس کی اس خصوصیت کی وجہ سے اسے بہت پسند کرتے تھے۔ لیکن لکڑی منڈی کے سوداگر اس سے تنگ تھے۔ وجہ یہ تھی کہ منگلا ڈیم بننے سے پہلے پاکستان کی سب سے بڑی لکڑی کی منڈی جہلم شہر تھا۔ ہزاروں لوگوں کا روزگاراس منڈی سے وابستہ تھا۔ جہلم شہر اور آس پاس کے لوگ جب مکان بنانے کا ارادہ کرتے تو وہ لکڑی کی خریداری کے لئے عموماً امام بخش کے پاس جاتے کہ وہ گیلی یا گیلیاں پسند کرے تاکہ اس لکڑی سے شہتیر، بالے، پھٹیاں کھڑکیاں اور دروازے بنوا سکیں۔ امام بخش تیسہ اٹھاتا اور چل دیتا۔ وہ اپنے تیسے سے گیلی کو ٹھوک بجا کر بتاتا کہ گیلی اندر سے کرم خوردہ اور کھوکھلی ہے یا نہیں۔ جب گیلی فروش کے پاس دوسرے گاہک ہوتے تو وہ امام بخش کو حیلے بہانے سے گیلیاں دیکھنے سے روک دیتا کیونکہ اگر کسی گاہک نے امام بخش کو ناقص گیلی کی نشان دہی کرتے دیکھ لیا یا سن لیا تو وہ گیلی اس وقت فروخت نہ ہو سکے گی۔ امام بخش بھی اس حقیقت سے آگاہ تھا۔ وہ جب دیکھتا کہ دوسرے لوگ گیلیاں دیکھ رہے ہیں تو وہ ایک طرف بیٹھ جاتا اور گاہکوں کے چلے جانے کے بعد ٹھوک بجا کر گیلی دیکھتا ا ور مشورہ دیتا۔
امام بخش اکثر کہا کرتا تھا کہ بڑھئی اگر نیک نیت ہو تو کبھی بھوکا نہیں مرتا۔ بڑھئی کے پاس ایک تیسہ، آری، رندہ اور ایک دو فٹا ہو تو دنیا کے کسی بھی کونے میں وہ اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال سکتا ہے۔ کیونکہ انسان آئے دن نت نئی بستیاں تعمیر کرتے رہتے ہیں۔ یہ فطرت کا قاعدہ ہے کہ ہر تخریب کے پہلو میں بھی تعمیر کا ایک راز چھپا ہوتا ہے۔
امام بخش گرمیوں میں مکانوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والا سامان از قسم شہتیر، بالے، پھٹیاں، دروازے، کھڑکیاں اور الماریاں بناتے اور سردیوں میں فرنیچر بنا کر اپنے بال بچوں کا پیٹ پالتا۔ اس کے ہاں دو بیٹے اور ایک بیٹی پیدا ہوئی۔ اس کی خواہش تھی کہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلائے۔ میاں بیوی اپنا پیٹ کاٹ کر بچوں کی پرورش کر رہے تھے۔ بڑے بیٹے کریم بخش نے میٹرک کے بعد پڑھنا ترک کر دیا اور فرنیچر بنانے کا کام سیکھنے لگا۔ جب امام بخش کی بیٹی نے ایف اے کا امتحان پاس کیا تو شہر میں اس کی دھوم مچ گئی کیونکہ اس نے ’گجرات بورڈ‘ میں اول پوزیشن حاصل کی تھی۔ سب سے چھوٹا بیٹا رحیم بخش شرارتی تھا۔ لیکن وہ بھی پڑھائی میں خاصی محنت کرتا تھا۔
ایک دن جب امام بخش لکڑی منڈی میں ایک گیلی کو ٹھوک بجا کر دیکھ رہا تھا کہ اس کی پشت کی طرف سے ایک گیلی لڑھکی اور اس کی پیٹھ سے زور سے ٹکرائی۔ امام بخش طبی امداد ملنے سے پہلے روز روز کی محنت مزدوری سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے فارغ ہو چکا تھا۔ امام بخش کی موت سے گھر میں کہرام مچ گیا۔ اس کے بعد اس کے بڑے بیٹے کریم بخش نے گھر کا سارا کام کاج سنبھال لیا۔ وہ اپنے والد کی خواہش کو پورا کرنے کی خاطر رحیم بخش کو پڑھائی کے لئے تمام سہولتیں مہیا کرنے کا عزم کئے ہوئے تھا۔
رحیم بخش نے جب کالج میں داخلہ لیا تو چند شوخ اور بگڑے ہوئے لڑکوں کی طرح اس نے بھی کالج میں پر پرزے نکالنے شروع کر دئے۔ رحیم بخش کے ایک ساتھی نے کالج میں ایک لڑکی سے بد تمیزی کی۔ بات بڑھی اور پرنسپل تک جا پہنچی۔ پرنسپل نے لڑکوں کو دفتر میں بلایا اور تنبیہ کرنے کے بعد کہا کہ فضول کاموں اور شرارتوں کی بجائے اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر رکھو ورنہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاؤ گے۔ پرنسپل نے ایک لڑکے سے خصوصاً کہا۔
’’ میں تمہارے باپ کو جانتا ہوں۔ تم ایک نیک شخص کے بیٹے ہو۔ تمہاری شرارتوں کا اسے علم ہوا تو اسے بہت دکھ ہو گا۔ لہٰذا آئندہ تمہاری کوئی شکایت مجھے نہیں ملنی چاہیے۔ ‘‘
رحیم بخش کی آنکھوں میں شرارت ناچنے لگی تھی۔ اس نے آگے بڑھ کر پرنسپل صاحب سے کہا۔
’’ سر۔ آپ میرے والد صاحب کو بھی جانتے ہو ں گے۔ ‘‘
پرنسپل صاحب نے غور سے رحیم بخش کو دیکھا۔ ایک لمحے کے لئے سوچا کہ لڑکا شاید اپنے باپ کے عہدے یا اثرورسوخ سے متاثر کر نا چاہتا ہے۔ انہوں نے پوچھا۔ ’’تم کس کے بیٹے ہو؟ اور وہ کیا کام کرتے ہیں ؟‘‘ رحیم بخش نے پر اعتماد لہجے میں کہا۔
’’ سر۔ میں امام بخش بڑھئی کا بیٹا ہوں۔ ‘‘ یہ سنتے ہی دوسرے لڑکوں کے ہونٹوں پر مسکراہٹ پھیل گئی تھی۔ پرنسپل صاحب نے ایک بھرپور نگاہ اس پر ڈالی۔ ان کے چہرے نرمی اور پیا ر کے آثار پیدا ہوئے۔ وہ کرسی سے اٹھے اور رحیم بخش کے قریب پہنچ کر شفقت سے اس کے سر ہاتھ پھیرتے ہوئے دھیمی آواز میں کہا۔
’’ امام بخش شریف آدمی تھے۔ مجھے امام بخش کے بیٹے سے ایسی توقع نہیں تھی۔ ‘‘ رحیم بخش نے سر جھکا دیا اور کہا۔ ’’ ساری سر۔ آئندہ آ پ کو شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔ ‘‘
پرنسپل نے دوسرے تمام لڑکوں کو دفتر سے چلے جانے کو کہا۔ پھر رحیم بخش سے مخاطب ہوئے۔
’’ تمہارے والد نے تمہیں اعلیٰ تعلیم دلانے اور تمہارے بڑا آدمی بننے کے خواب دیکھے تھے۔ مجھے اپنے مکان کی تعمیر کے دوران تمہارے والد سے باتیں کرنے کا موقع اکثر ملا تھا۔ وہ بھلے آدمی تھے۔ میں تمہاری ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہوں۔ تم بھی وعدہ کرو کہ آئندہ غیر ضروری شرارتیں نہیں کرو گے اور پوری توجہ اور محنت سے پڑھائی جاری رکھو گے۔ ‘‘
ابھی قمر کی گفتگو جاری تھی کہ دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد مشاعرے کا باقاعدہ آغاز ہوا اور بات درمیان میں ہی رہ گئی۔ میں بھی اس بات کو بھول بھال گیا۔
کسی دانشور نے کہا ہے کہ جس قوم میں شعرا کی کثرت ہو جائے تو یہ اس کے زوال کی نشانی ہے۔ اردو ادب میں بھی ایسی ہی صورتِ حال ہے۔ برطانیہ میں اردو کے شعرا کی تعداد میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ بعض محفلِ مشاعرہ میں اب سامعین سے زیادہ شاعر ہوتے ہیں۔ ان شعرا میں واضح اکثریت ان کی ہوتی ہے جو کسی دوسرے شاعر کے شعر سننے نہیں آتے بلکہ انہیں صرف اپنے شعر سنانے میں ہی لطف آتا ہے۔
مجھے بھی شعر گوئی کا مرض کالج کے زمانے میں لگا تھا۔ اس لئے کبھی کبھار خود شعر کہتا تھا۔ میں نے بھی دوسرے لوگوں کی دیکھا دیکھی اپنی اشاعتِ خود نمائی (vanity publication ) کا اہتمام کیا اور ایک شعری مجموعہ منظرِ عام پر لے آیا۔ جس کتاب کا شاعر مشاعروں میں شریک ہو مگر اور اپنا کلام پڑھتے شرماتا ہو اور جس کتاب کا کوئی مشہور پبلشر نہ ہو۔ اس کتاب سے لطف لینے والی مخلوق دیمک ہی ہوتی ہے۔ یہی حال میرا تھا۔ میرے چند رشتہ دار اور دوست اس لئے خوش تھے کہ کوئی تو اپنا بھی ادب کی دنیا میں داخل ہوا ہے۔ لیکن کچھ لوگوں میں حسد کا جذبہ بھی موجزن تھا اور بلا شبہہ وہ خوش نہیں تھے۔ لیکن میری ایک خالہ زاد بہن بھی تھی جو میری کتاب کی اشاعت سے بہت خوش تھی اور اس نے اپنے ملنے والوں کو میری کتابیں بطور تحفہ دی تھیں۔
جب میں پچھلے برس پاکستان گیا تو اپنی خالہ زاد کے ہاں بھی گیا۔ دورانِ گفتگو میرے شعری مجموعے کا ذکر بھی آیا تو اس نے بتایا کہ اس کے گھر ان دنوں ایک بڑھئی وارڈ روب( ملبوسات کی الماری) بنا رہا ہے۔ اس بڑھئی نے میرا شعری مجموعہ دیکھا تومستعار لے لیا۔ دوسرے دن اس نے اپنی اس رائے کے ساتھ کتاب واپس کی کہ مجموعی طور پر شعری مجموعہ اچھا ہے۔ خصوصاً نظمیں تو بہت اچھی ہیں۔ لیکن کسی استاد شاعر سے اصلاح لی ہوتی، مشورہ کر لیا ہوتا یا کتاب کی اشاعت سے قبل پروف پڑھ لئے ہوتے تو اس کے حسن میں اضافہ ہو جاتا۔ میری خالہ زاد کی خواہش تھی کہ میں اس بڑھی سے بات کروں۔ مگر یہ گفتگو سن کر میرا مزاج کچھ برہم سا ہو گیا تھا کہ ایک بڑھئی نے میرے کلام میں خامیاں تلاش کیں۔ کوئی نقاد یا پڑھا لکھا رائے دیتا تو مجھے خوشی ہوتی۔ لیکن میں چپ رہا اور سوچنے لگا کہ کیا میرا کلام اس قدر بودا ہے کہ ایک بڑھئی نقص نکالے…!
دوپہر کو بڑھئی صاحب اپنے دو شاگردوں کے ساتھ تشریف لائے اور کام شروع کر دیا۔ میری خالہ زاد نے تیس بتیس برس کے ایک دبلے پتلے ہنس مکھ جوان کی طرف اشارہ کیا۔
’’ یہ ہیں وہ صاحب جنہوں نے آپ کی شاعری پر تبصرہ کیا تھا۔ ‘‘
میں اٹھ کر اس سے ملا۔ رسمی علیک سلیک کے بعد میں نے اسے آڑے ہاتھوں لینے کا سوچتے ہوئے کہا ’’ سنا ہے آپ نے میری کتاب میں کچھ غلطیوں کی نشان دہی کی تھی۔ ‘‘
اس نے کہا’’ نہیں صاحب میں کہاں کا نقاد ہوں۔ البتہ کتاب کے مطالعہ کے دوران چند غزلوں میں قافیے کی گڑ بڑ نظر آئی تھی اور چند غزلوں کے اشعار میں مصرع اول اور مصرع ثانی کی بحروں میں بھی فرق نظر آیا تھا۔ بہت ممکن ہے مجھے ہی مغالطہ ہوا ہو۔ ‘‘
چونکہ علمِ عروض میں میرا مطالعہ واجبی سا تھا۔ چنانچہ بڑھئی کی باتیں سن کر مجھے پسینہ آ گیا اور میں نے اسی میں عافیت جانی کہ بات کو سمیٹ لوں۔ میں نے اپنے دفاع میں کہا۔
’’ میں نے کتاب چھپنے کے لئے مسودہ پاکستان روانہ کیا تھا۔ کمپیوٹر کمپوزنگ کے بعد پروف پڑھنے کے لئے نہیں ملے بلکہ کتاب شائع ہونے کے بعد ملی تو میں سر پیٹ کر رہ گیا تھا۔ ‘‘میں نے بات جاری رکھتے ہوتے کہا ’’ مجھے واقعی یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ کو علمِ عروض سے بھی آگہی ہے۔ یقیناً آپ خود بھی شعر کہتے ہو ں گے۔ ‘‘
یہ سن کر اس کی آنکھوں میں چمک پیدا ہوئی۔ اس نے مدھم لہجے میں کہا ’’ میں خود شعر نہیں کہتا۔ جی تو بہت چاہا مگر وقت نے مہلت نہ دی۔ کسی حد تک سخن فہم ہوں اور اچھی شاعری سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ بی اے تک اردو ادب سے دلچسپی رہی اس کے بعد انگریزی ادب نے اپنی طرف کھینچ لیا۔ ‘‘
میں سنبھل کر بیٹھ گیا اور پوچھا ’’ آپ گریجویٹ ہیں۔ انگریزی ادب کا مطالعہ بھی کرتے ہیں۔ اور کام۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ مجھے حیرت تھی کہ وہ بڑھئی تھا۔
اس جوان کے چہرے پر ایک خوشگوار مسکراہٹ پھیل گئی۔ مدھم لہجے میں کہنے لگا۔
’’ میں نے ایم اے انگریزی ادب میں کیا تھا۔ یہاں سے ہی انگریزی ادب کی طرف راغب ہوا۔ رہی بات کام کی۔ یہ بڑھئی کا کام ہمارا جدی پیشہ ہے اور میں یہ کام اپنے فارغ اوقات اور ویک اینڈ پر کرتا ہوں۔ مجھے اپنے اس کام سے بہت لگاؤ ہے۔ ُُ
ابھی میں پہلے شاک سے ہی سنبھل نہیں پایا تھا کہ دوسرے انکشاف نے مجھے حیرت زدہ کر دیا۔
’’ ویسے آپ باقاعدہ کیا کام کرتے ہیں ؟‘‘ میں نے پوچھا۔
’’ میں اسلام آباد میں انکم ٹیکس کے محکمہ میں ڈپٹی کمشنر ہوں۔ پانچ دن اسلام آباد میں گزارتا ہوں اور ویک اینڈ پر یہاں جہلم شہر میں فرنیچر بنانے کا کام کرتا ہوں۔ کبھی اسلام آباد آنے کا اتفاق ہو تو ضرور تشریف لائیں۔ ‘‘
’’ضرور ضرور۔ آپ کے پاس بزنس کارڈ تو ہو گا۔ ‘‘میں نے اپنا کارڈ نکالتے ہوئے پوچھا
اس نے میرا جملہ سن کر جیب سے کارڈ نکالا۔ کارڈ پر لکھا میں نے اونچی آواز میں پڑھا۔
’’ رحیم بخش ٹھوکا۔ ڈپٹی کمشنر۔ انکم ٹیکس اسلام آباد۔ فون نمبر وغیرہ وغیرہ ‘‘رحیم بخش ٹھوکا کے الفاظ پر میں چونکا
’’کیا ٹھوکا آپ کا خاندانی نام ہے؟‘‘
’’نہیں جناب‘‘ اس نے مسکراتے ہوئے کہا۔
’’جب میری تعنیاتی اسلام آباد میں ہوئی تو میرے ساتھ کام کرنے والوں کو اس بات کا پتہ چل گیا تھا کہ میں ایک غریب خاندان اور وہ بھی بڑھئی خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔ میں اچھی طرح سے جانتا ہوں کہ وہ لوگ ہر جائز و ناجائز طریقے سے دولت سمیٹنے کے چکر میں رہتے ہیں۔ مگر دکھاوے کے طور پر نہایت ایماندار اور میں ان کے درمیان ایک ’کالی بھیڑ‘ ہوں۔ مجھے پتہ چلا کہ کچھ لوگ میری عدم موجودگی میں مجھے نفرت سے ’ٹھوکا‘ کہتے ہیں ‘‘۔ اس نے ٹھوکا پر زور دیتے ہوئے کہا۔ ’’ّ آپ کو تو معلوم ہے پنجاب میں بڑھئی کو حقارت سے ٹھوکا کہتے ہیں۔ محض ایک گرا پڑا نسان۔ کمی کمین۔ لوگوں کی منجھیاں اور پیڑھیاں ٹھوکنے والا۔ معمولی آدمی‘‘۔
وہ تھوڑی دیر کے لئے رکا۔ پھر کہنے لگا۔ ’’ ایک بار میں نے اپنے کانوں سے بھی سنا۔ میرے ایک ماتحت نے اپنے کسی آدمی سے گفتگو کے دوران مجھے ٹھوکا کہا تھا۔ اسی دن میں نے ’ٹھوکا ‘ کے لفظ کو اعتبار اور احترام دینے کا فیصلہ کر لیا۔ دوسرے دن میں نے اپنے آفس کے باہر اپنے نام کی تختی اور بزنس کارڈ میں ’’رحیم بخش ٹھوکا‘‘ لکھوا لیا۔ اب جب مجھے لوگ ٹھوکا ’صاحب ‘ کہتے ہیں تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔ ایک فخر کا احساس ہوتا ہے۔ میرے ابا گیلیوں کو ٹھوکا کرتے تھے اور میں گیلی فروشوں اور ٹیکس چرانے والوں کو ٹھوکتا ہوں۔ پوری ایمانداری اور پوری دیانتداری سے۔ ‘‘
اس کی آواز میں ایک اعتماد اور ایک غرور اور سچ کی دھمک تھی اور لہجے میں ایک عجیب سی طمانیت اور سرشاری بھی۔
٭٭٭

چمکی

رخسانہ ناز

ائے چمکی، کمبخت نگوڑی ماری کبھی ٹیم پر بھی تو نظر آیا کر۔ ہر وقت دیکھو اِدھر اُدھر مٹکتی پھرتی ہے۔
گُرُو کا غصہ عروج پر تھا۔
ُُسُن گُرُو!میرے پر زیادہ برسا نہ کر ! ہاں میرے کو بہت برا لگتا ہے۔
چمکی کا چہرا بھی تمتمانے لگا تھا۔
تُو تو رانی ہے نا دنیا جہان سے نرالی ہے جو تجھے کچھ نہ کہا جائے۔
ُگُرو! کبھی نازو، انجلی، نینا، کوئل اور وہ موٹی کالی ترانہ کو بھی ڈانٹا کرو، وہ بھی تیری نقل کر کر کے مجھے ڈانٹتی ہیں۔ کل تیرے مرنے کے بعد وہ میرے پر ظلم کریں گی تو تیری نسل تو ہے نہیں میں تیری روح کو رو رو کے بد دعائیں دوں گی۔
چمکی نے آنکھیں مٹکا مٹکا کے بد دعا کے لئے فوری طور پر ہاتھ بھی اٹھا لئے۔
ائے تیرا ستیا ناس جائے منحوس، مریں میرے دشمن۔ گُرو نے جو اپنی جوتی پیر سے نکالی تو چمکی اچھل کر دور بھاگی۔ جب نازو کا ہاتھ دھپ کر کے اس کی کمر پر لگا تو وہ اوئی کہہ کر چلائی۔
اللہ کرے تجھے کل سنگل(سگنل)پر بھیک نہ ملے اور پولیس تجھے پکڑ کے لے جائے۔ اور تیری وہ کُٹ لگائے کہ تیرے ہاتھ ٹوٹیں نازو ٹازو۔ چمکی کو رونا آ رہا تھا۔
گُرو تُو گواہ رہ یہ مجھے بھی بددعا دے رہی ہے۔ نازو نے منہ بسور کر کہا
چل نازو چھوڑ اب اس کی بددعا کسی کو نہیں لگتی، لوگ اس کو بھیک نہیں دیتے، ڈرتے جو نہیں اس سے۔
گُرُو نے نازو کی ڈھارس بندھائی۔
گُرُو یہ چمکی چورنی بھی ہے کل اس نے میرا میک اپ کا بکسہ(بوکس)چرا کر میک اپ کیا تھا اس لئے اس کے چہرے پر دانے بن گئے ہیں،
نازو کو قلق تھا
گُرُو ! یہ بھی تو میری سرخی لالی استعمال کرتی ہے میں نے تو کچھ نہیں کہا۔ اور کل کلاں کو اگر میں گُرُوبن گئی تو اپنے سب چیلوں سے پیار کروں گی۔ تیری طرح ظلم نہیں۔ چمکی کو یقین تھا کہ کل وہ سب کی ماں بنے گی،
تو چپ کر عبدل رضیہ ! نازو نے ڈانٹا
میں عبدل رضیہ تُو فیکا رانی۔ چمکی نے ترکی بہ ترکی جواب دیا۔
اچھا اب یہ لڑائی بند کرو اور بتاؤ کہ ترانہ کی بہن کی شادی میں کون کون جائے گی،
گُرُو نے یاد دلایا۔
گُرُو ظاہری سی بات ہے ترانہ ہماری بہن بھی ہے اور سہیلی بھی، اس لئے ہم سب جائیں گی۔ خوب ناچ گانا کریں گی، نازو کے چہرے پر خوشی پھوٹنے لگی۔
ہاں نازو جان پر ترانہ نہیں جائے گی۔ چمکی اچانک اداس ہو گئی۔
وہ کیوں ؟؟؟
اس کے گھر والے اسے پسند نہیں کرتے۔ جب اس کی بہن کی منگنی تھی تو اس کے بڑے بھائی نے ترانہ سے کہا تھا کہ تُونے خاندان کی ناک کاٹ دی ہے۔ تُو لڑکے والوں کے سامنے نہ آ ورنہ ہماری بیستی ہو جائے گی۔
چمکی نے اس کی معلومات میں اضافہ کیا۔
لیکن جہیز بھی تو ترانہ نے تیار کیا ہے۔ اور بیچاری کئی سالوں سے ناچ گا کر اور بھیک مانگ کر ایک ایک پیسہ جوڑتی رہی ہے۔ اور جہیز نہ ہونے کی وجہ سے ہی بہن اتنے دن اماں باوا کے گھر بیٹھی رہی ہے،
گُرُو کو بھی افسوس ہو رہا تھا۔
گُرُو جی پیسوں سے کسی کو کیا دشمنی ہوسکتی ہے ؟وہ تو ہر جگہ سے آئے ہوئے بڑے اچھے لگتے ہیں۔
شادی کے ایک فنکشن(فنکشن)میں جب ایک شرابی نے ناچتی ہوئی ترانہ کو چھیڑا تھا تو مجھے بہت غصہ آیا تھا۔ میں نے کہا ہم بھی انسان ہیں، پھر میں، شرمیلی، نینا، انجلی، گلابو، اور آپا ستارہ نے مل کے خوب اس کی ٹھکائی کی تھی۔ اس کمینے کو تو لوگوں نے بچایا ورنہ ہم اسے مار ہی ڈالتیں، نازو کی سانس دھونکنی کی طرح چلنے لگی،
ترانہ کا بھائی کہتا ہے کہ ترانہ کو بگاڑنے میں ہمارا ہاتھ ہے۔ ہم نے کہا تم نے مار مار کے گھر سے نکالا تو وہ ہمارا پیار دیکھ کے ہماری طرف چلی آئی۔ چمکی نے گُرُو کی طرف دیکھ کے کہا،
اس نکھٹو جواری سے کہو کہ شکر کر کہ تیرا گھر ترانہ سے پیسوں پہ چل رہا ہے۔ اب بہن کے لئے اچھا رشتہ بھی آیا ہے۔ جا پوچھ اس سے کہ ہیجڑا کون؟ تُو یا ترانہ۔ ۔ ۔ ۔
گُرُوکوافسوس تھا۔
گُرُو زمانہ ہمیں جینے نہیں دیتا ہم تو کوئی کام بھی نہیں کرسکتی۔ پھر بھی ہم چپکے چپکے سب کی زندگی کی گاڑی کھینچتی ہیں اور ذلیل بھی ہوتی ہیں۔ گُرُو میری ماں زندہ ہوتی۔ تو میرے سے پیار کرتی۔ باقی اولاد کی طرح رکھتی۔ تُو مجھے یہاں تو لے آئی گُرُو پر تُو بھی ڈانٹتی ہے،
بیٹا پیار بھی تو کرتی ہوں۔ تو بے وقوفیاں نہ کیا کر بس۔ گُرُو نے اس کا ماتھا چوما۔
ہمارے اس خاندان میں تُو سب سے چھوٹی ہے اس لئے میں چاہتی ہوں کہ تُو زیادہ مسکوٹیاں نہ کیا کر،
ورنہ باہر تیرا جینا اور مشکل ہو جائے گا۔
اچانک دروازے پردستک ہوئی اور انجلی کہیں سے نمودار ہوئی لپک کے دروازہ کھولا۔ اور تقریباً حیرت سے اس کا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا۔
گُرُو اے گُرُو، ہو جا شروع، بدھائی لینے کے دن آ گئے۔ وہ جو بیگم کوثر ہیں نا جو نئی نئی اس محلے میں آئی ہیں ان کے بیٹے کے ہاں بیٹا ہوا ہے۔ اور اس خوشی میں ہم سب کو ناچنے گانے کے لیے بلایا ہے،
بیگم کوثر کا نام سنتے ہی گُرُو کا چہرہ فق ہو گیا، یہ نام کہیں لا شعور میں موجود تھا۔ کوثر، ، ، ، وہ زیر لب بڑبڑایا
کیا ہوا گُرُو؟؟؟بڑے دنوں بعد ہی تو کسی نے ہمیں پوچھا ہے ورنہ تو یہ لوگ ان اپنی پالٹیوں (پارٹیوں ) میں ٹیلی ویزنوں کے سنگر کو بلاتے ہیں یا ان کنجریوں کو، جواسٹیج پر آدھے کپڑوں میں ڈانس وانس کرتی ہیں۔ گُرُو ایک ٹک آسمان کی طرف دیکھے جا رہا تھا۔ جیسے خلاؤں میں کچھ تلاش کر رہا ہو،
٭٭

کوثر! تُو بڑی اچھی لگ رہی ہے آج، میری دوست بنو گی!!!میں تجھے اچھے اچھے کپڑے بھی لا دوں گی،
لا دوں گی نہیں لا دوں گا۔ کوثر نے اس کی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے کہا،
ہاں وہی مطلب لا دوں گا، دانش محسن نے شرماتے ہوئے کہا۔
تم لڑکیوں کی طرح شرماتے ہوئے زہر لگتے ہو۔ مگر مجھے اچھے لگتے ہو، کیونکہ بچپن ہی سے میں تمہارے ساتھ ہی پلتی بڑھتی رہی ہوں، ہاں البتہ ماں باپ زندہ ہوتے تو شاید تم سے ملنے کو منع کرتے، کہ تم میں لڑکیوں والی خصوصیات ہیں،
کوثر افسردہ سی ہو گئی۔
اسی لئے تو ماموں جان منع نہیں کرتے کہ تم میں لڑکیوں والی خصوصیات ہیں اور بے ضرر سے ہو۔
لوگ ہیجڑا کہ کر میرا مذاق اڑاتے ہیں۔ لیکن میں کچھ کر نہیں سکتی۔ مطلب کر نہیں سکتا، دانش محسن نے کوثر سے نظریں چرا کر لفظ سکتا پر زور دیا۔
تم کس قسم کی لڑکی ہو ؟جو مجھ جیسے ہیجڑے کے لیے دل میں خلوص اور ہمدردی رکھتی ہو،
یہ ہمدردی نہیں اچھی طرح تم جانتے ہو کہ میں اسے کیا نام دے سکتی ہوں۔
ہاں بی بی لیکن ہمارے معاشرے میں اس قسم کی چیزوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ لوگ میرا مذاق تو اڑاتے ہیں ساتھ میں تمہاری بھی جگ ہنسائی ہو گی۔ دانش محسن سنجیدہ تھا۔
تو کیا ہوا ؟ کیا کوئی شخص تم سے بڑھ کر مجھے چاہ سکتا ہے؟
میں شخص ہی تو نہیں ہوں، ، ، ، ، ،
انسان بھی نہیں۔ ۔ ۔ ۔
شاید نہیں !!!! لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم ہر لحاظ سے مرے ہوئے لوگ ہیں۔ معاشرتی، جذباتی، وغیرہ وغیرہ۔
اگر اسکول میں سب کو نظر انداز نہ کرتا تو کالج تک کبھی نہ پہنچتا۔ لیکن کالج میں بچ نہیں پایا۔
خواجہ سراء، ہیجڑا، کھسرا، چھکا، تیسری جنس۔ اور مخنث، جو جس علاقے سے تھا ویسا ہی ایک نام دیا۔ جس کا مطلب ایک ہی بنتا ہے، ناکارہ، یوزلیس۔ جہاں میری تربیت ہونی چاہیے تھی وہاں میرے اندر ٹوٹ پھوٹ شروع ہو گئی۔ مجھے اپنے جیسے محبت کرنے والوں کی تلاش شروع ہو گئی۔
دانش محسن کو یوں ٹوٹتے دیکھنا اب اس کا معمول بن گیا تھا،
لیکن میں ہوں نا تمہارے کے لیے، ، ، ، ، ، ، ، کوثر رو دینے کو تھی۔
نہیں !ایسا نہیں ہوتا۔ اور نہ ہی ہوسکتا ہے۔ نہ ہی شاید ہوا ہو گا۔
شاید ہوا ہو گا!۱۱۱ یعنی موہوم سی ایک امید؟
نہیں یہ امید ہی تو نہیں باقی۔ کوثر پروین !
ڈاکٹر کہتے ہیں یہ ایک نفسیاتی مسئلہ ہے۔
کبھی میں نے تم سے شعورسے ماورا کوئی بات کی ؟ نفسیات کا تعلق دماغ سے لیتے ہیں لوگ ؟ دماغی خلل آج کے انسان کے نزدیک قابل قبول ہے۔ مگر جسمانی نہیں، اسے عیب گردانا جاتا ہے۔ اور ہم معاشرے کا عیب ہیں۔ کسی گھر میں پیدا ہوں تو وہ گھر عیب دار ہو جاتا ہے۔ ہر شخص کا چہرا یوں پیلا پڑ جاتا ہے۔ جیسے زمانہ جاہلیت میں لڑکی کی پیدائش پر ان کے گھر والوں کا ہوتا تھا۔ مگر آج کہیں کہیں لڑکی کوتو اس کا مقام دلا دیا گیا ہے، مگر ہم اپنے مقام سے گرا دئیے گئے۔ اب کسی شہ یا بادشاہ کے دربار کے بہی خواہ نہیں ہوسکتے کہ ہماری جگہ اوروں نے لے لی ہے۔ جو واقعی کوئی اور کام کاج نہیں کرسکتے۔
دانش محسن ہلکے سے مسکرادیا۔
٭٭

ائے گُرُوٹکرٹکرآسمان کی طرف کیا دیکھ رہی ہو؟انجلی نے اس کی آنکھوں کے گرد ہاتھ نچایا۔
وہ نجانے کس چیز کے سحر میں تھا۔ اب تو وہ اس ماحول اس زبان اورایسی ہی گفتگوکوپسندکرتا تھا۔
منحوس ماری اس قدر خوش ہونے کی کیا ضرورت پڑ گئی ہے تجھے ؟
گُرُو، و ہ بیگم کوثر کے بیٹے کے ہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ باقی لفظ اس کے منہ میں ہی رہ گئے۔ کیونکہ پہلی بار اس نے اپنے گُرُو کی آنکھ کے کسی آنسو کو پلکوں سے گر کر خود کشی کرتے دیکھا۔
گُرُو ! کیا ہوا؟تُو رو رہی ہے؟انجلی نے اپنی شہادت کی انگلی سے اس کے آنسوکومحسوس کرنے کی کوشش کی۔ گُرُو نے اسے اپنے سینے سے لگا لیا۔ انجلی محبت سے عاری دل رکھنے والے اپنے گُرُو کی اس تبدیلی پر حیران تھی۔ البتہ دور کھڑا چمکی دونوں کو شاکی نظروں سے دیکھنے لگا تھا۔ جب گُرُو کی بھیگی نگاہیں اس کی نگاہوں سے ٹکرائیں۔ تو ابرو کا اشارہ پا کر فوری طور پر گُرُو کے سینے پروہ بھی اپنی جگہ بنا گیا۔
انجلی !!! یہ گُرُو کتنی ڈرامہ باز ہے نا۔ ۔ ۔ ۔ منہ پھٹ چمکی سے نہ رہا گیا،
ہاں دل میں خوش ہو رہی ہے، کہ چلو کچھ دیر کے لیے ان کی شکلیں تو گم ہو گی کسی فکشن(فنکشن)کے بہانے۔
چلو تم لوگ جا کے تیاری کرو۔ گُرُو کا حکم پا کر وہ دونوں تیزی سے ناچتے گاتے اندر کی طرف بھاگے۔
٭٭

گہرے سیاہ بادل پورے آسمان کو ڈھانپے ہوئے تھے۔ اِدھرآسمان رونے کو تھا اور اُدھر کوثر کی آنکھیں جھر جھر بہہ رہی تھیں۔ دانش محسن نے اس کے ہاتھ تھام رکھے تھے۔ اوراسے سمجھا رہا تھا،
پاگل نہ بنو کوثر۔ تمہارا ماموں زاد ریاض شیروانی ایک اچھا اور خوبصورت مرد میرا مطلب لڑکا ہے۔
اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ وہ مجھے خوش تو نہیں رکھ سکے گا کیوں کہ میری خوشیاں تو تم سے وابستہ ہیں۔
کوثر پروین بچھڑنے کے خیال سے ہی آزردہ ہو گئی۔
تم دنیا کی واحد لڑکی ہو، جسے واقعی اپنے آپ سے پیار نہیں ہے۔ ورنہ لڑکیاں تو دن رات شہزادوں کے سپنے دیکھتی ہیں۔ یا کم از کم ایسے ساتھی کے جو اسے زمانے کی گرمی وسردی سے محفوظ رکھ سکے۔ اسے ہر طرح کا سکھ اور آسائش دے سکے۔ اور ریاض میں وہ ساری خوبیاں موجود ہیں۔ تم بے فکر رہو اور خوش بھی کہ میں کسی بھی لڑکی سے شادی نہیں کرسکتا۔ اس لئے میرے ہرجائی ہونے کے کوئی چانسزنہیں، وہ بے تحاشا ہنسنے لگا تھا،
دانش محسن بس ایک بار کہو کہ تمہیں مجھ سے پیار نہیں ہے۔ تم مجھ سے اپنی جان چھڑانا چاہ رہے ہو،
اس کے لہجے میں شکایت تھی۔
میں تم کو ہمیشہ یاد رکھوں گا سہیلی، ، ، ، ، ،
٭٭

شادی کے ابتدائی چند مہینے خواب کی مانند گذرے۔ ریاض واقعی ایک اچھا شوہر ثابت ہوا۔ مگر ایک روایتی مرد بھی۔
سگنل پر گاڑی ہری بتی کے انتظار میں کھڑی تھی۔ کہ بالکل قریب سے آواز آئی۔
ائے بیگم صاحبہ تیرے بچے جیئیں۔ سلامت رہیں۔ خیرات مانگ رہی ہوں اسی کا صدقہ ہی دے دو،
بیگم صاحبہ نے پرس میں سے پچاس کا نوٹ نکالا اور اسے تھما دیا۔ خیرات مانگنے والے بچے کی بلائیں لیں اور آگے بڑھ گیا۔ جاتے جاتے بچے کی طرف بڑے پیار سے دیکھا کیونکہ بچے نے اس کے دوپٹہ کا کونا ہاتھ میں پکڑا تھا اور اسے کھینچ کے مسکرا رہا تھا۔
ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے مرد نے عورت کو کینہ توز نظروں سے دیکھا۔ اس کے منہ میں جیسے کڑواہٹ گھل گئی تمہارا بس چلے تو سب کو اٹھا کر گھر لے جاؤ۔ ابھی تک دل سے ان کی محبت نہیں گئی۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ میرا رقیب ایک ہجڑا ہے۔
آپ خدارااس طرح کی بات تو نہ کریں وہ میرا اچھا دوست ہے۔ کوثر کو دکھ ہوا۔
اچھا دوست بھی ہے اور بچپن کی اچھی سہیلی اور۔ ۔ ۔ ۔ ہم راز بھی۔
وہ طنز کئے بغیر نہ رہ سکا۔
ریاض پلیز !!!! آپ کیوں مجھے زچ کرتے ہیں ؟کیا دوستی، خلوص، مہر، محبت یہ چیزیں زندگی کی کتاب سے خارج ہو چکی ہیں۔ ہمدردی اورانسانیت نامی چیزیں ناپید ہو چکی ہیں۔ آپ بے شک ان سے کنارہ کشی اختیار کریں مگر یہ اختیار حاصل نہیں کہ کسی کوبرا کہیں۔ خدا کی مخلوق ہیں۔ احساسات رکھتے ہیں اورسب سے بڑھ کر یہ کہ میری اور آپ کی طرح اس دنیا میں رہتے ہیں۔ آپ یہ بھی تو دیکھیں کہ انسانی جبلت و فطری خواہشات ان کی زندگی سے کتنی دورہیں۔
تقریر آپ اچھی کر لیتی ہیں بیگم صاحبہ !مگر آپ یہ کیوں بھول رہی ہیں کہ انہی خواہشات کی تکمیل کے لئے وہ برے راستوں پر بھی چلتے ہیں۔ اور پورا معاشرہ خرابی کی لپیٹ میں آ جا تا ہے۔
وہ ہنوززہرخندمسکراہٹ لئے ہوئے تھا۔
پانچ انگلیاں برابر نہیں ہوتیں ریاض ! اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں۔
اس نے کسی اپنے کا دفاع کرنا چاہا۔ وہ اسے ویومرر میں دیکھ رہی تھی، اب وہ کسی اور گاڑی والے سے خیرات مانگ رہا تھا۔ لیکن اس کی بلند آواز اس کے کانوں سے ٹکرا رہی تھی۔
خیرات مانگ رہی ہوں اپنی اولاد کا صدقہ ہی دے دو صاحب جی!!!!!
٭٭

گُرُو !یہ دیکھ میں تیار ہوکرکیسی لگ رہی ہوں ؟
چمکی ان کے سامنے آ کر کھڑا ہو گیا۔ وہ بے تحاشا شرما رہا تھا۔ اور بار بار دوپٹہ سے منہ چھپاتا۔
میری چمکی بیٹی بڑی پیاری سی ہے۔ بالکل چاندجیسی اور آنکھیں۔ ۔ ۔ ۔ وہ چپ ہو گیا۔
بول نا گُرُو آنکھیں کتنی پیاری ہیں میری؟چمکی ضد پر اتر آیا۔ اور بڑی بڑی آنکھیں کھول کر اس کی گود میں بیٹھ گیا
چمکتے ستاروں جیسی ہیں۔ وہ اس کا ماتھا چومتے ہوئے بولا،
گُرُو اب ہم جائیں !!! انجلی، نازو، نینا، کوئل سمیت سب نے یک زبان ہو کر کہا۔
ہاں جاؤ لیکن اگر کوئی وہاں چھیڑ چھاڑ کرے تو جواب نہ دینا۔ پروگرام ختم ہوتے ہی آ جانا۔ راستہ میں کہیں رکنے کی کوئی ضرورت نہیں،
ان کی نصیحت سوائے انجلی کے سب کو ہی بری لگی۔
٭٭

لیکن اس کی ماں تو بہت لُک آفٹر کرتی ہیں مسزصمدانی !!۱
وہ متفکر تھا۔
ریاض صاحب میں گذشتہ پندرہ سال سے اس اسکول کو چلا رہی ہوں اس سے قبل یہ ذمہ داری میرے والد صاحب کے کاندھوں پر تھی۔ اور ہم نے اس ادارے میں شاذ و نادر ہی ایسے کیسزدیکھے ہیں۔ وہ تو فورتھ کلاس کی مس عرفانہ نے مجھے کہا کہ سلمان ریاض کے بیگ میں ان کی والدہ کا دوپٹہ ہوتا ہے اور وہ موقع ملتے ہی گرلز سیکشن میں جا کے بچیوں کے درمیان بیٹھ کر ان کی گڑیاں سے کھیلتا ہے۔
آپ لوگ اسے روکا کریں۔ ریاض کے منہ سے لفظ ٹوٹ ٹوٹ کر ادا ہونے لگے۔
ہم منع تو کرتے ہیں ریاض شیروانی صاحب !!!۱ لیکن ہم ہمہ وقت بچے کے ساتھ تو نہیں ہوتے نا اور پھر اور ان کے گھر جانے کے بعد ہماری ذمہ داری ختم ہو جاتی ہے۔ بہتر یہ ہے کہ کسی نفسیاتی معالج سے ان کا معائنہ بھی کروائیں۔
مسزصمدانی نے اپنا بیگ اٹھایا اور اجازت چاہی۔
سارے راستے وہ گاڑی چلاتے ہوئے سوچ رہا تھا۔ کہ وہ ننھے چھ سالہ سلمان کی تبدیلیوں اور عادات سے بے خبر کیسے رہا؟۔ جب وہ آفس سے گھر آتا تھا تو ماں اسے کھانا کھلا کر سُلا چکی ہوتی تھی۔ بس وہ اسے سوتے میں پیار کرتا اور صبح اسکول کے لئے تیار بچے کو اسکول ڈراپ کرتا۔ اسے بیٹ بال یا دوسرے کھیل کھیلنے سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ جب باپ آواز دیتا تو وہ منہ بسورکرماں کی آغوش میں پناہ لیتا۔
٭٭

کوثر!!! چلی جاؤ، اور آئندہ یہاں نہ آیا کرو۔ یہ شریفوں کا محلہ نہیں ہے۔ ہماری یہ نگری تو شایداس رُوئے زمین پر بھی نہیں ہے۔ ہم زمین وآسمان کے درمیان معلق کسی بستی کے مکین ہیں، ہمارے قدموں کے نشاں کو کوئی ہم جیسا ہی پہچانتا ہے اس لئے کہ ہماری پگڈنڈی ایک اور منزل بھی مشترک ہوتی ہے۔ جس طرح تم اپنی جنس کو پہچانتی ہو اس طرح ہم بھی اپنے تھرکتے سائے کوباآسانی شناخت کر لیتی ہیں۔ اور اسے پورے حق سے اپنے خواب نگر کا حصہ بناتی ہیں۔ اسی کہ ہم جانتی ہیں کہ ہماری مخلوق تمہاری تپتی زمین پر جل بن مچھلی کی طرح ہوتی ہیں۔ کہ اس کا تالاب میں رہنا ہی اس کی زندگی ہے یا پھر اپنا دل ہی سمندر بناؤ اوراسے اس میں چھوڑ دو مگر خیال رکھو کہ تمہارے دل کے سمندر میں اس کی آنکھوں کا نمکین پانی شامل نہ ہونے پائے۔ ورنہ اس کا ہی زندہ رہنا مشکل ہو جائے گا۔
دانش محسن کہتا رہا اور وہ چپ چاپ سنتی رہی۔
دانش !!! مسلسل چھڑی سے ضربیں پڑنے سے سلمان کا جسم لہولہان ہو گیا ہے ریاض اسے ہسٹیریائی انداز میں مارتا ہے اور اس کی چیخیں مجھ سے برداشت نہیں ہوتیں۔ وہ کہتا ہے کہ میرا رقیب روپ بدل کے میرے سامنے کھڑا ہے۔ جب وہ اسے مارتے مارتے تھک جاتا ہے تو مجھے مارتا ہے اور پھر اپنے آپ کو نقصان پہنچاتا ہے۔ مجھے دیمک چاٹ گئی دانش۔ ۔ ۔ یہ دیکھو میری میڈیکل رپورٹ۔
سہیلی تم نے بتایا کیوں نہیں وہ تڑپ کر اس پاس آ کر کھڑا ہو گیا۔
اب تو وقت بھی نہیں بچا لیکن اس کو تو بچا سکتی ہوں نا، اس کو آج ایک گہرے سمندر کے حوالے کرنے آئی ہوں۔ ایک پاگل کے رحم و کرم پرکیسے چھوڑ دوں۔ وہ اسے اپنے لئے ایک سزا سمجھتا ہے، اور میرا انتقام اور بدلہ،
سلمان بیٹا ادھر آؤ۔ ۔ ۔ ایک دس سالہ بچہ شرماتا مٹکتا لڑکیوں کے لباس میں سامنے آیا۔ ۔ دانش محسن اسے دیکھے گیا
میں نے بہت کوشش کی کہ اسے مردانہ لباس پہناؤں مگر یہ نہیں پہنتا روتا چلاتا ہے کھانا نہیں کھاتا۔ باپ کو بھی غصہ آ جاتا ہے۔ اور وہ ہمیں دھنک کر رکھ دیتا ہے۔ ہم دونوں کو اپنے لئے باعث ندامت تصور کرتا ہے۔ کہتا ہے یہ میرے رقیب کا سایہ ہے جسے میں مٹا کر ہی دم لوں گا۔
سلمان بیٹا ان کے پاس رہو۔ یہ تمہیں اچھے اچھے کپڑے دیگا اور اچھی سی گڑیا بھی۔ میرے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ اس پڑھے لکھے اور باشعور معاشرے نے مجھے مار ڈالا۔ اور میں مر گئی۔
دانش محسن اسے دیکھتا رہا۔ سلمان نے بھی ایک نظرماں کی طرف ڈالی۔
مما یہ مجھے نہیں مارے گی نا مجھے گڑیا اور کپڑے بھی لے کر دے گی۔ مجھے بھی شازیہ کی طرح کی فراک چاہیے۔
یہ لو۔ ۔ ۔ بن مانگے تم کو یہ مل گیا ہے۔ کوثر نے سلمان کا ہاتھ اس کے ہاتھ میں دیا
کم از کم یہاں بظاہر زندہ تو رہ لے گا۔ باپ پوچھے گا تو کہہ دوں گی کہ دنیا کی بھیڑ میں کہیں کھو گیا۔
سلمان میرا آنچل چھوڑ دو بیٹا میں مہمان ہوں۔ مجھے جانے دو۔
دانش محسن نے بچے کی آنکھوں میں جھانکا پھر ایک نظر کوثر پر ڈالی۔
کوثر تم اپنی آنکھیں بھی تو چھوڑے جا رہی ہو۔ ان کو بھی ساتھ لے جاؤ۔
اس نے سنی ان سنی کی سلمان کے گالوں پر بوسہ دیا اور چلی گئی جاتے جاتے پیچھے مڑ کر دیکھا تو دانش محسن ننھے سلمان کی پیشانی اور آنکھیں چوم رہا تھا۔ اس نے اطمینان کا سانس لیا اور غائب ہو گئی۔
بہت پیاری سی آنکھیں ہیں۔ ۔ ۔
کتنی پیاری گُرُو۔ چمکی نے پھر ضد پکڑ لی۔
بہت پیاری ہیں میری چمکی کی آنکھیں۔ بالکل ستارے جیسی۔
٭٭٭

نیلا خون

خاور چوہدری

یہ وسط بہار کا کوئی دن تھا۔ ٹھنڈی ہوائیں جامن کے سوکھے درخت کی ٹہنیوں کو چھُو کر کھلے صحن کے دل سے گزرتے ہوئے کچے راستے کے اطراف پودوں کی روش کو چومتی جا رہی تھیں۔ ما لی ان پودوں کی نلائی کر تا جاتا اور ساتھ ہی گرے ہوئے پتوں کو اٹھا کر ہتھ ریڑھی میں ڈالتا جاتا۔ کوٹھی کے چاروں اور مخملی گھاس یوں دِکھ رہی تھی جیسے زمین پر زمرد جڑے ہوئے ہوں۔ ابھی پھولوں کے نئے پودے پوری طرح مٹی سے مانوس نہیں ہوئے تھے اور ان میں سے بعض مرجھا رہے تھے۔ بانو خاتون ادبی رسالے کا نیا شمارہ گود میں رکھے مطالعہ میں یوں گم تھیں جیسے بہ جز اس کے دنیا میں کوئی کام ہی نہ ہو۔ ایک ایک حرف یوں پڑھتیں گویا یاد کرنا چاہتی ہوں۔ ایک ہی نشست میں سارے افسانے اور منظومات پڑھ گئیں۔ رسالہ ایک طرف رکھتے ہوئے انھوں نے ماحول کا جائزہ لیا۔ دائیں ہاتھ میں بندھی ہوئی گھڑی پر اچٹتی ہوئی نظر ڈالی اور پھر کچھ سوچتے ہوئے اپنی جگہ سے اُٹھ کھڑی ہوئیں۔ زمردیں فرش پر بے تابی سے گھومتے ہوئے ا ن کی نگاہ بار بارآسمان کی طرف اُٹھ رہی تھی۔ دفعتاًوہ رُکیں اور ما لی کو آواز دی
’’ریاض۔ ۔ ۔ اِدھر تو آنا‘‘
’’جی بیگم صاحبہ‘‘
کہہ کر بوڑھا مالی اپنے کپڑے جھاڑتا ہوا چلا آیا
’’ریاض!تمھیں کتنے مہینوں سے تنخواہ نہیں ملی؟‘‘
ریاض نے کچھ نہ سمجھتے ہوئے جلدی سے جواب دیا
’’میری کوئی تنخواہ باقی نہیں ہے، بیگم صاحبہ‘‘
’’تو پھر یہ پودے کیوں سوکھ رہے ہیں ؟کیوں تم بروقت نلائی نہیں کر تے اور پورا پانی نہیں دیتے ہو ؟‘‘
’’بیگم صاحبہ!خدا جانتا ہے ان پودوں سے اپنے بچوں کی طرح محبت کر تا ہوں اور اپنی طاقت سے زیادہ محنت کر تا ہوں۔ ۔ ۔ نہ معلوم پھر بھی کچھ پودے اجنبیت کیوں برت رہے ہیں۔ ‘‘
’’سب سمجھتی ہوں، محبت اور محنت۔ ۔ ۔ ہونہہ۔ ۔ ۔ ‘‘
بوڑھا ریاض کسی بت کی مانند زمین میں گڑ چکا تھا اور بانو خاتون کی بے کلی اور بڑھ گئی۔
’’محبت۔ ۔ ۔ محنت، محبت۔ ۔ ۔ محنت، محبت۔ ۔ ۔ محنت ‘‘
ان دو لفظوں کی تکر اراس قدر بڑھی کہ بانو خاتون کو اپناسرچکر اتا ہوامحسوس ہوا۔ وہیں زمین پر بیٹھ رہیں۔ ۔ ۔ جب ہوش آیا تو آغا خان اسپتال میں ڈاکٹروں کی نگاہ داشت میں تھیں۔ ذہن پر دباؤ ڈالتے ہوئے انھوں نے سوچاکہ ان کے ساتھ کیا ہوا تھا؟کون سا ایسا درد اُٹھا تھا، جس نے ہوش ہی نہ رہنے دیا۔ ۔ ۔ اور جب وہی دو لفظ دوبارہ یاد آئے تو دماغ کے خوابیدہ خلیوں نے رینگنا شروع کر دیا۔ ۔ ۔ تاریک ہوتی ہوئی آنکھوں سے دو نمکین قطرے نکل کر چہرے کی جھریوں میں راہ بناتے ہوئے کانوں تک چلے گئے۔
’’اُف خدایا!کس قدر بھاری ہیں یہ دو لفظ‘‘
بانو خاتون نے بڑبڑاتے ہوئے کہا، تو کمرے میں موجودماسی اچانک ان کے چہرے پر جھک کر
’’بیگم صاحبہ، بیگم صاحبہ ‘‘
پکارنے لگی۔
’’کون لایا تھا یہاں مجھے ؟‘‘
ساری قوتیں جمع کر کے بانو خاتون نے پوچھا۔ ماسی نے اپنی اوڑھنی سے ان کی آنکھیں صاف کر تے ہوئے کہا
’’ریاض اور میں جی‘‘
’’احسان اور بہو کو اطلاع دی تھی‘‘
’’جی بیگم صاحبہ‘‘
بانو خاتون کے دماغ پر وہ دو لفظ پھر ہتھوڑے برسارہے تھے۔ کراہتے ہوئے انھوں نے پہلو بدل کر اپنا منہ دیوار کی طرف پھیر لیا۔ ۔ ۔ ماسی پیچھے ہٹ کر بیٹھ گئی۔
٭٭

ہوا میں بکھرتے ہوئے خزاں رسیدہ پتوں کی مانندسوچیں بے نشاں و بے سمت بھٹکنے لگیں۔ جوں جوں ماضی کی کتاب کے اوراق کھلتے جاتے تھے، توں توں بانو خاتون کا حلق آنسوؤں کی گرمی سے کڑوا ہوتا جاتا اور اس کڑواہٹ کو وہ چاہتے ہوئے بھی نہیں تھوک سکتی تھیں۔
پندرہ دن بعد جب ان کی پڑوسن بیگم ضرار آئیں تو ان کے دکھ کو مزید سوا کر گئیں۔
’’بیگم صاحبہ!مجھے بتا دیا ہوتا میں تصدق کو یہاں بھیج دیتی۔ ہم غیر تو نہیں ہیں، آخر کو ہم سایے ہیں اور ہم سایے تو ماں جائے ہوتے ہیں۔ ‘‘
’’مجھے ہوش کہاں تھا‘‘
تھڑدلی سے بانو خاتون اتنا ہی کہہ پائی تھیں، کہ بیگم ضرار نے جلتا ہوا انگارہ ان کے دماغ پر رکھ دیا
’’احسان میاں تو اپنی بیوی کے ساتھ کل ساحلِ سمندر کلفٹن میں گھڑسواری میں مشغول تھے، کیا عیادت کے لیے نہیں آئے؟ اَجی میں تو کہتی ہوں کیا فائدہ ایسی اولاد کا جو بڑھاپے میں تنہا چھوڑ جائے، ایسوں کا تو پیدا ہوتے ہی گلا گھونٹ دینا چاہیے۔ ‘‘
بانو خاتون ساکت و جامد خلاؤں میں گھورتی رہیں اور بیگم ضرار جلتی پر تیل ڈال کر نکل گئیں۔
٭٭٭

دن گزرتے رہے اور خیالات مسلسل غزل کی ردیف کی طرح ایک تو اتر سے وارد ہوتے گئے۔ اباّجی کی حویلی یاد آئی تو لسوڑوں کی چپچپاہٹ سے دماغ کے خلیے باہم اُلجھنے لگے۔ حویلی کے دالان میں ایستادہ لسوڑے کا درخت ان کا ہم جولی و ہم راز تھا۔ جس کی شاخیں ان کی سانسوں کی مہک اور جسم کے لمس کی امین تھیں۔ پہروں اس کے تنے کو اپنی نوجواں بانہوں میں سمیٹ کر اپنی آنکھوں کے موتی اس میں اتارتی رہتی تھیں۔ ۔ ۔ اور وہ اپنے اندر ان کو سمیٹتارہتا تھا۔ اور اس سے پہلے جب وہ صرف دس برس کی تھیں تب بھی ان کے لیے حویلی میں جائے اماں صرف یہی تو ایک درخت تھا۔ وہ اپنی گڑیا لے کر اپنے ساتھ ہی کھیلتی رہتیں۔ اپنی گڈی کی شادی، اپنے ہی گڈے سے کرتیں، خود ہی بارات کے ساتھ ہوتیں اور خود ہی رخصتی کا اہتمام کرتیں۔ ڈھول بجانا، گیت گانا، تا لی بجانا حویلی میں ممکن نہ تھا۔ ۔ ۔ کھکھلا کر ہنسنے اور قہقہے لگانے کی بھی اجازت نہیں تھی۔ ۔ ۔ زیادہ سے زیادہ مسکراہٹ کی ایک لکیر ہونٹوں پر پھیل جاتی یا پھر دبی آواز میں کچھ لفظ ادا ہو جاتے۔ ۔ ۔ ایسے میں بھی اگر کہیں پھوپھو کی نظر پڑ جاتی تو وہ بانو خاتون کی ساری خوشیوں کو اٹھا کر تندور میں ڈال دیتیں۔ ۔ ۔ اس ظلم اور جبر پر رونے کا بھی اختیار نہیں تھا۔ جس ماں نے جنا تھا وہ تو دیکھ بھی نہ پائیں تھی انھیں۔ ۔ ۔ رشتے کی خالہ نے دودھ پلایا اور دوسال تک اپنے پاس رکھا۔ اباّجی ان کی جھولی میں ڈال کر خود سبک دوش ہو گئے تھے۔ تب ایک جھگڑے میں پھوپھو کے خاوند مارے گئے تو اباّجی کی اکلوتی بہن اپنے دو بچوں سمیت حویلی اُٹھ آئیں۔ ۔ ۔ اور یوں بانو خاتون بھی اپنے گھر لوٹ آئیں۔
٭٭٭

بہروز اور نو روز دونوں ان سے بڑے تھے اور ہمہ وقت اپنی ماں سے ناز اٹھواتے رہتے۔ جو چاہا کھایا، جو چاہا پیا۔ جب چاہا اُٹھ بیٹھے، جب چاہاسولیے۔ جو چاہا پہن لیا، جو چاہا اتار دیا۔ پابندیاں تھیں تو فقط ان کے لیے۔ ادھر پو پھٹی اور انھیں جگا دیا گیا۔ گھر بھر کا کام کروایا اور دونوں بھائیوں کے بچے ہوئے لقمے ان کے آگے ڈال دیے۔ ۔ ۔ اور پھر سرکاری اسکول کی طرف ہانک دیا۔ اسکول سے لوٹتیں تو پھر گھر داری میں مصروف ہو جاتیں۔
بے لحاظ پھوپھو کی جلی کٹی اور ظلم تو بہ ہر حال سہے جاتی رہیں۔ ۔ ۔ مگر ایک دوپہر تو اندھیروں میں بدل گئی۔ وہ کھانے کے برتن دھوکر خشک کر نے کے لیے ٹوکری میں رکھ آئی تھیں۔ پھوپھو کے گھڑے میں تازہ پانی بھی ڈال دیا تھا۔ بہروز اور نوروز کے نہانے کے لیے الگ سے دو بالٹیاں بھی بھر کر غسل خانہ میں رکھ دی تھیں۔ اباّجی کے کمرے کے فرش کو ٹھنڈا کر نے کے لیے بھی کئی بالٹیاں ڈال آئی تھیں اور اب لسوڑے کے تنے سے لپٹ کر سسکیوں کی زبانی اسے اپنی بپتا سنا رہی تھیں۔ ۔ ۔ دفعتاً ان کے جسم میں بجلی کوند گئی۔ ۔ ۔ نوروز نے پیچھے سے آ کر انھیں اپنے سینے سے چمٹا لیا اور اپنے ہاتھ مضبوطی سے ان کے سینے کے ابھاروں پر رکھ دیے۔ ایک چیخ ان کے حلق میں قتل ہو گئی۔ نوروز بھائی کے سامنے ہاتھ جوڑے، خدا کے واسطے دیے، گڑگڑائیں، روئیں۔ ۔ ۔ مگراس نے اپنی گرفت ڈھیلی نہ کی۔
نہ جانے پھوپھوکس وقت سے یہ منظر دیکھ رہی تھیں۔ ۔ ۔ اور پھر بڑے بڑے ڈگ بھرتے ہوئے حویلی کے دالان میں آ گئیں
’’حرام زادی!یہ لچھن ہیں تیرے، میں بھی کہوں تو دو پہروں کو سوتی کیوں نہیں۔ آ لینے دے اپنے باپ کو۔ منحوس تمھیں دیوار میں چنوا کر دم لوں گی۔ کتیا تو نے رشتوں کا بھی خیال نہ رکھا۔ ۔ ۔ اپنی آگ کہیں اور ٹھنڈی کیوں نہ کی تو نے۔ ۔ ۔ ؟۔ کیوں میرے معصوم بیٹے کو تباہ کر رہی ہے۔ ‘‘
پھوپھو کے منہ میں جو آیا بکے گئیں اور بانو خاتون کی آنکھوں کی ندیاں سوکھنے کا نام ہی نہ لیتی تھیں۔ دوپہر، سہ پہر میں ڈھلی اور سہ پہر شام میں۔ ۔ ۔ مگر بانو خاتون کے لیے وقت رُک گیا تھا۔ ۔ ۔ یوں جیسے بھاری سلوں تلے آ گیا ہو۔ ۔ ۔ ایک ایک پل صدی کو محیط ہو گیا۔ رو رو کر اپنا برا حال کر لیا اور اب ایسے معلوم ہوتا تھاجیسے آنکھوں سے پانی کی بجائے لہو ٹپک رہا ہو۔ پھوپھو نے ان کے کمرے کی باہر سے چٹکی لگا دی تھی۔ بانو خاتون نے سوچا آج اباّ جی کو پھوپھو کے تمام ظلموں کے بارے میں بتائیں گی۔ ۔ ۔ بتائیں گی کہ وہ انھیں کیسی کیسی ننگی گالیاں دیتی ہیں۔ ۔ ۔ اور آج جس شیطنت کا مظاہرہ نوروز نے کیا ہے وہ بھی صاف صاف بتا دیں گی۔ دل سے بہہ جانے والے لہو کو قطرہ قطرہ کر کے سمیٹا اور تہیہ کیا کہ اب مزید ظلم نہیں سہیں گی اور ان ماں بیٹوں کو حویلی سے نکلوا کر رہیں گی۔
٭٭٭

اباّجی کے کمرے سے مسلسل آوازیں آتی رہیں اور شام رات میں مدغم ہوتی رہی۔ بھوک اور پیاس سے بانو خاتون کا برا حال ہو گیا تھا۔ غم اور غصہ کی شدت نے مزید نڈھال کر رکھا تھا اور اب اتنا وقت گزر گیا تھا۔ ۔ ۔ مگر کوئی انھیں قیدسے رہائی دلانے نہیں آیا تھا۔ ۔ ۔ تب انھوں نے بلند آواز میں رونا شروع کر دیا۔
بھاری قدموں کی آہٹ جوں جوں بڑھتی گئی ان کے دل کی دھڑکنیں بھی بے ترتیب ہونے لگیں۔ ایک جھٹکے سے دروازہ کھلا اور اباّجی نے انھیں چوٹی سے پکڑ کر ننگے فرش پرگھسیٹنا شروع کر دیا۔ ۔ ۔ بغیر کچھ کہے سنے ان کے وجود پر لاتوں اور مکوں کی بارش کر دی۔ پیڑو اور پسلیوں میں درد کی ایسی لہر اُٹھی کہ اس نے دہرا کر دیا۔ جب جب یہ دردسے دہری ہوتیں اباّجی انھیں بالوں سے پکڑ کر سیدھا کر تے۔ ۔ ۔ اور پھر پیٹنا شروع کر دیتے۔ چہرہ چھلنی ہو گیا تھا، ہونٹوں سے خون کے فوارے پھوٹ بہے تھے، نس نس میں گویا درد کی لکیریں بن گئی تھیں۔ اور جب اباّجی مار مار کر تھک گئے تو انھیں دھکا دے کر زمین پر ڈال دیا۔ ۔ ۔
’’اباّجی!میری بھی تو سنتے ‘‘
جب انھوں نے اپنی چیخیں ضبط کر تے ہوئے کہا تو اباّ جی نے سیدھے پاؤں سے زور دار ٹھوکر ان کے ماتھے پر لگائی اور وہ دردسے بلک اُٹھیں۔ اس لیے نہیں کہ چوٹ بہت گہری تھی، اس لیے کہ اباّجی نے بھی انھیں بد ذات، حرام کار اور رنڈی کہا تھا۔ پھوپھو، بہروز اور نوروز یہ منظر دیکھتے رہے، مگرکسی نے مداخلت نہ کی۔ ۔ ۔ اور کر تے بھی کیسے کہ وہی تو ان کی جان کے دشمن تھے۔
٭٭٭

بانو خاتون کو جب ہوش آیا تو وہ اپنے کمرے کی چارپائی سے بندھی ہوئی تھیں اور ان کے جسم پرلباس کے نام پر دھجیاں تھیں۔ انگ انگ سے خون رس رہا تھا اور رُواں رُواں درد سے پھٹ رہا تھا۔ انھیں اپنے جسم پر لگنے والے گھاؤسے زیادہ روح پر آنے والے زخموں سے تکلیف ہوئی تھی۔ ان کے ذہن میں لسوڑے کے درخت تلے پیش آنے والا منظر پوری طرح جاگ چکا تھا۔ ۔ ۔ اور پھوپھو کی زبان سے نکلے ہوئے غلیظ لفظ پہلے سے زیادہ کریہہ معلوم ہو رہے تھے۔ وہ نوروز جسے وہ ہمیشہ اپناسگابھائی سمجھتی آئی تھیں مجسم شیطان نظر آ رہا تھا۔ ۔ ۔ وہ نہیں جانتی تھیں کہ انھوں نے اباّجی کے سامنے کیا کہانی گھڑی تھی، مگر وہ ان دونوں ماں بیٹوں کا خون پینا چاہتی تھیں۔
’’مجھے حرام زادی کہتی ہیں اور خود وارث ماموں کو دن بھر اپنے کمرے میں بند رکھتی ہیں ‘‘
بانو خاتون نے نفرت سے سوچا۔
’’حرافہ تو خود ہیں، اباّجی کے گھر سے نکلتے ہی حویلی کے دروازے سے لگ جاتی ہیں اور ہر آتے جاتے مرد کا وجود ماپتی ہیں، گلی میں بیٹھے ہوؤں کو تاکتی ہیں۔ ‘‘
سوچیں بڑھنے کے ساتھ ساتھ ان کے دماغ میں زہر بھی بڑھتا جا رہا تھا۔
٭٭٭

گھڑیاں، گھنٹوں، دنوں، ہفتوں اور مہینوں میں بدل گئیں۔ ۔ ۔ مگر قید ختم نہ ہوئی۔ پھوپھو ان کے سامنے کھانا ایسے رکھ کر جاتیں جیسے کسی کوڑھی اور جذامی کے آگے ڈال رہی ہوں۔ اُن کا بس نہیں چلتا تھا کہ وہ پھوپھو کو دبوچ کر ان کی گردن سے لہو پی جاتیں۔ اس سارے عرصہ میں ایک بار بھی اباّجی اس طرف نہیں آئے تھے۔ ۔ ۔ اور وہ اپنے نا کر دہ گنا ہوں کی سزاکاٹتی رہیں۔ پھر ایک دن اباّجی آئے اور درشت لہجہ میں کہا
’’بانو!تمھیں کمرے سے رہائی مل رہی ہے۔ ۔ ۔ اور جان لو ایساکوئی قدم نہیں اُٹھانا کہ میں تمھیں قتل کر نے پر مجبور ہو جاؤں۔ ۔ ۔ اور ہاں ڈھنگ کے کپڑے پہن لینا، کچھ لوگ تمھیں دیکھنے آ رہے ہیں۔ ‘‘
بانو خاتون نے منت کے سے انداز میں پکارا
’’اباّجی۔ ۔ ۔ !‘‘
’’مت کہو مجھے اباّجی‘‘
اور پھر اباجی نفرت سے منہ پھیر کر چلے گئے
بانو خاتون کے وجود میں جیسے شعلے سے لپک گئے ہوں۔ انھوں نے دکھ اور گھبراہٹ کی حالت میں سوچا
’’کیا میں واقعی بد ذات اور حرام کی جنی ہوں، جو اباّ جی مجھ سے اس قدر نفرت کر تے ہیں ‘‘ گولی کی سی سرعت کی طرح ایک اور حقیقت ان پر واضح ہوئی کہ اباّجی نے تو کبھی ان سے محبت کی ہی نہیں تھی۔ ۔ ۔ وہ تو اپنے کاروبار اور جاگیر میں ہمیشہ مصروف رہے۔ ۔ ۔ اور یہ پھوپھو کی لعن طعن اور باسی ٹکڑوں پر پلتی رہیں۔ اب ان کے دل میں اباّجی کے لیے بھی نفرت بڑھ رہی تھی۔
٭٭٭

یوں ہی ایک شام انھیں سلیم کے کھونٹے پر باندھ دیا گیا۔ ۔ ۔ وہ سلیم جس کا نہ پہلے نام سنا تھا، نہ دیکھا تھا۔ خود میں چھپی ہوئی یہ ایک پلنگ میں دبکی بیٹھی رہیں۔ ۔ ۔ سلیم آتا ہے، حکم جاری کر تا ہے۔ ۔ ۔ ایسے جیسے کسبیوں اور زر خریدوں کو جاری کیا جاتا ہے اور پھر رات بھر کتا گوشت کے لوتھڑے کو بھنبھوڑتا رہا۔ آنے والے کئی دن بھی اسی طرح گزر گئے۔ ۔ ۔ دونوں کے درمیان کوئی بات نہ ہوئی۔ ۔ ۔ سُورپلتارہا، کھیت اجڑتا رہا۔ تین ماہ گزر گئے پھر ایک صبح سلیم نے تین لفظ کہہ کر انھیں رونے کے لیے چھوڑ دیا اور کہہ گیا
’’میں لوٹوں تو تمھاری شکل نہ دیکھوں ‘‘
خدائے زندہ کے سامنے دو زانو ہو کر وہ اپنے نا کر دہ گنا ہوں کی معافی مانگتی رہیں۔ جب درد چیخوں، آہوں اور سسکیوں میں بدل گیا تو پڑوسن چلی آئی
’’اری کیوں جی ہلکان کر تی ہے کم بخت!نہ رو۔ تم سے پہلے چار جیون ا جاڑ چکا ہے موا۔ ارے لعنت ہوایسے والدین پر جو بن دیکھے ایسوں سے باندھ دیتے ہیں۔ ‘‘
پڑوسن اور نہ جانے کیا کیا کچھ کہتی رہی۔ ۔ ۔ اور یہ تو جیسے ہوش ہی کھو بیٹھی تھیں۔ جائیں تو جائیں کہاں ؟اباّجی نے تو گھر سے نکالنے کے بعد پلٹ کر بھی نہ دیکھا۔ ۔ ۔ پھوپھو اور نوروز کا خیال آیا تو روح کو آگ لگ گئی۔ پورے وجود میں جیسے چنگاریاں رینگنے لگی ہوں۔ ۔ ۔ روم روم سلگتارہا، درد بڑھتا رہا، خون گھٹتا رہا، وقت گزرتا رہا، دم نکلتا رہا۔ بہت سوچنے کے بعد وارث ماموں کا خیال آیا تو اس کے ساتھ ہی یہ منظر بھی ذہن میں جاگ بیٹھا کہ وہ تو خود اپنی بیوی سے چھپ چھپ کر پھوپھو کی آگ بجھاتے ہیں۔ ۔ ۔ تب انھوں نے اپنے ٹوٹے ہوئے وجود کی کرچیوں کو سمیٹنا شروع کیا۔ ایک ایک کر کے انھیں زمین سے اُٹھایا اور صاف کر کے اپنے پوٹلی میں باندھ لیا۔ اب منزل کوئی نہیں تھی، صرف راستہ تھا۔ ۔ ۔ پُر خار، پُر پیچ، پُر درد۔ ۔ ۔ دکھوں، تکلیفوں، آہوں، سسکیوں، یادوں اور نفرتوں سے پُر۔ ۔ ۔ ایک لمبا نہ ختم ہونے والا بے انت راستہ ؂
جتنی دُور چلوں میں پیارے
عمر کا رستہ بڑھتا جائے
امرت دھاراکیسے پاؤں
وہ چلتی رہیں، جلتی رہیں۔ ۔ ۔ اور اس چلنے اور جلنے میں انھیں ایک کر ن دکھائی دے گئی۔ سلیم کے ساتھ گزرا ہوا وقت یاد کرنا ان کے لیے سوہان روح تھا، مگراس نوزائدہ کا کیا دوش جس نے ابھی دنیا میں سانس لیا تھا۔ ۔ ۔ احسان۔ ۔ ۔ نہ جانے کیاسوچ کر انھوں نے اس پھوٹنے وا لی روشنی کو احسان کا نام دیا تھا۔
٭٭٭

اب بانو خاتون تھیں، احسان تھا اور کوچنگ سینٹر۔ دن کے پہلے پہر وہ ایک پبلک اسکول میں پڑھاتیں اور پچھلے پہر اپنے کوچنگ سینٹر میں۔ دونوں ماں بیٹاعموماًساتھ ہوتے یا یوں کہیے ماں نے کوکھ سے جنم دینے کے بعد بھی بیٹے کو خودسے جدا نہیں کیا تھا۔ ۔ ۔ اور خود چند لمحوں کے لیے بھی ماں کی شفقت نہ پا سکی تھیں۔ اِدھر یہ پیدا ہوئیں، اُدھر ماں ساتھ چھوڑ گئی۔ نہ بہن، نہ بھائی، نہ گھر، نہ در۔ ۔ ۔ اباّجی۔ ۔ ۔ ؟انھوں نے تو جیسے زہر میں بجھا ہوا تیر ان کے سینے میں چبھو چھوڑا تھا۔ کوچنگ سینٹر، اسکول میں بدل گیا۔ محنت رنگ لائی اور احسان سے محبت بھی۔ ۔ ۔ معیشت بھی جواں ہوئی اور اولاد بھی۔ اب شاید ان کے زخموں کے بھرنے کا وقت آن پہنچا تھا۔ ۔ ۔ یقیناً وہ ماضی کو بھولنا چاہتی تھیں۔ ۔ ۔ اور ماضی سے وابستہ سب لوگوں کو بھی، مگرایساممکن نہیں تھا۔ وہ جب کبھی پرنسپل روم میں کسی بچے کے ساتھ اس کے والد کو دیکھتیں تو بے اختیار انھیں احسان پر ترس آنے لگتا اور ان کی آنکھوں سے سیلابِ بلا خیز رواں ہو جاتا۔ ۔ ۔ اپنے اباّجی یاد آ جاتے، جن کے سایے میں نہ سہی قربت میں تو انھوں نے زندگی کے بیس برس گزارے تھے۔
’’پھوپھو۔ ۔ ۔ کیوں کیا میرے ساتھ اس طرح آپ نے ؟‘‘
وہ سوچتیں اور پھر بند آنکھوں آنسو اپنے حلق سے سینہ میں اُتارنے لگتیں۔ اور وہ دن کتنا بھاری تھا جب احسان نے پوچھا تھا
’’اماں !بابا اور آپ کا کوئی رشتہ داراس دنیا میں زندہ نہیں ہے ؟‘‘
’’نہیں بیٹے !‘‘
اور وہ پھوٹ پھوٹ کر رو دیں۔ ۔ ۔ بالکل اسی طرح جیسے وہ اپنے اباّجی کی طرف سے دی گئی گا لیوں پر روئی تھیں۔ ۔ ۔ تب احسا ن نے بڑھ کر ماں کا ہاتھ تھاما اور پھر اپنی آنکھوں سے لگا لیا
٭٭٭

یہ احسان کی شادی سے چندبرس اُدھر کی بات ہے۔ ایک روز وہ عوامی مرکزسے خریداری کر رہی تھیں، اچانک ان کی نگاہ ایک شخص پر پڑی اور پھر ان کے وجود پر لرزہ طاری ہو گیا۔ جو کچھ منتخب کیا تھا، اسے وہیں چھوڑا اور لجاجت سے کاؤنٹر پر بیٹھے شخص کو کچھ کہا اور آ کر گاڑی میں بیٹھ گئیں۔ ۔ ۔ گاڑی کے پہیے اور ہینڈل گھومتے رہے اور ان کا دماغ بھی۔
’’سلیم کے ساتھ نوجوان لڑکی کون ہو سکتی ہے ؟اس کی نو عمر بیوی ؟نہیں۔ ۔ ۔ نہیں، پھر بیٹی ہو گی۔ ‘‘
انھوں نے سوچا۔ ۔ ۔
کئی دن تک وہ اس وجہ سے بیمار رہیں۔ ماضی کی یادیں ان کے ساتھ سایوں کی طرح چمٹ چکی تھیں۔ ۔ ۔ پھر ایک ایک رات کا اُجاڑ پن ان کی روح اور دل کو زخمی کر نے لگا۔ نفرت اور کر اہت سے وہ وقت کاٹتی رہیں۔ ۔ ۔ اور اباّجی، پھوپھو، بہروز، نوروز، وارث ماموں اور سلیم کا نام لے لے کر تھوکتی رہیں
’’تف ایسے رشتوں پر۔ ۔ ۔ حیف میرا اُن لوگوں کے ساتھ وقت گزرا‘‘
انھوں نے سوچا، مگر ؂
ہونی، ہوکے رہتی ہے
فرق کچھ نہیں پڑتا
آنسوؤں کے بونے سے
٭٭٭

ایم بی اے کے بعداحسان فارغ تھا۔ جاب کے لیے چند جگہوں پر کوشش کی، مگر وہ ایسی کوشش نہیں تھی کہ بار آور ثابت ہوتی۔ ۔ ۔ ویسے بھی اسکول کی آمدن اس قدر تھی کہ دونوں ماں بیٹا وقار سے وقت گزارسکتے تھے۔ تب احسان، بانو خاتون کے اسکول میں ان کا ہاتھ بٹانے لگا اور یہیں اس کی ملاقات عفت سے ہوئی۔ عفت سائنس کی ٹیچر تھی۔ ۔ ۔ اپنے مضمون کے ساتھ پورا انصاف کر تی تھی، اسی سبب سے بانو خاتون بھی اسے پسند کر تی تھیں۔ پھر ایک دن احسان نے ماں کے سامنے اپنے دل کی بات رکھ دی۔ ماں کو کیا اعتراض ہو سکتا تھا۔ اِکو اِک بیٹا اور وہ بھی نازوں پلا۔ ۔ ۔ اور پھر عفت میں بھی کچھ کمی نہیں تھی۔
بانو خاتون کو یاد آیا عفت کی ماں نے دوسری شادی رچا لی تھی اور یہ بے چاری اپنی بیوہ نانی کے پاس رہتی تھی۔ انھیں نے پالاپوسا اور پڑھایا لکھایا۔ شادی طے ہو گئی۔ نیشنل کر کٹ اسٹیڈیم کے کھلے میدان میں ولیمہ کی دعوت رکھی گئی۔ بانو خاتون کا کون تھاجسے بلاتیں۔ لے دے کے اسکول اسٹاف۔ ۔ ۔ چند سہیلیاں اور احسان کے کچھ دوست۔ عفت کی طرف سے بہت لوگ تھے۔ بانو خاتون کو بتایا گیا کہ عفت کی ماں بھی اپنے شوہر سمیت شادی میں شریک ہو رہی ہیں۔ اِنھیں کیا اعتراض ہو سکتا تھا بھلا۔
نیشنل اسٹڈیم کے صدر دروازے پرباور دی گارڈ مہمانوں کا استقبال کر تے رہے۔ ان سے چند گز کے فاصلہ پر احسان کے دوست آنے والوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے کھڑے تھے۔ صدر دروازہ اور اس سے نکلنے وا لی شاہراہ کی دونوں اطراف میں روشنی کے قمقموں نے ایسا سماں باندھا تھا، جیسے ستارے زمین پر اُتر آئے ہوں۔ زرق برق لباس پہنے بوڑھی عورتیں اور جوان لڑکیاں اپنے ہونے کی گواہی دے رہی تھیں۔ طرح طرح کے ذائقوں کی خوشبو نے ماحول پر وجد کی سی کیفیت طاری کر رکھی تھی۔ ۔ ۔ مہمان آتے جاتے اور مخملیں نشستوں پر بیٹھتے جاتے۔ اسٹیج پر دولہا اور دلہن اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ موجود تھے۔ رسمیں شروع ہوئیں، سلامی دی جانے لگی۔ ۔ ۔ تب ایک شعلہ لپکا اور بانو خاتون کے جسم کو بھسم کر گیا۔
ہاتھوں میں پھول لیے سلیم ان کے سامنے تھا۔ وہ سلیم جس نے ان کی زندگی کانٹوں سے بھر دی تھی اور۔ ۔ ۔ اور اب اس کے ہاتھوں میں پھول تھے۔ عفت کی نانی نے تعارف کراتے ہوئے بتایا
’’یہ سلیم ہیں، عفت کے سوتیلے باپ‘‘
بانو خاتون کے اندر تباہی آمیز جھکڑ چلنے لگے، اعتماد کی دیواریں یکایک زمین بوس ہونے لگیں، یوں لگتا جیسے ان کی دنیا اندھیر ہو جائے گی۔ ۔ ۔ شادی کے سارے منظر ماضی کے زہر میں بجھ گئے۔ چیخیں حلق کے اندر دم توڑنے لگیں۔ ۔ ۔ ایک ایک کر کے اُن ساری راتوں کا دُکھ ان کی آنکھوں میں اُتر آیا جو انھوں سلیم کے ساتھ کاٹی تھیں۔ اور اُدھرسلیم کے ہاتھ سے گل دستہ گر کر دونوں کے پاؤں چوم رہا تھا۔
’’بانو خاتون۔ ۔ ۔ تم!‘‘
سلیم نے کہا تو اسٹیج پرموجودسبھی لوگ چونک کر ان کی جانب دیکھنے لگے۔ عفت کی ماں نے احسان کی اماں کو مخاطب کر تے ہوئے کہا
’’آپ انھیں جانتی ہیں ؟‘‘
تب تک بانو خاتون خود کو سنبھال چکی تھیں۔ انھوں نے وقار اور طمانیت سے کہا
’’جی۔ ۔ ۔ لیکن تفصیلات بعد میں بتاؤں گی‘‘
’’قاضی جی نکاح پڑھوائیے ‘‘
احسان کی اماں نے خوش دلی سے کہا، جیسے کوئی اَن ہونی ہوئی ہی نہیں۔ حالانکہ ان کے دل و دماغ سمیت روح پربھی ایک قیامت گزر چکی تھی۔ جسم کے سمندر میں ٹھاٹھیں مارتی ہوئی لہروں کو اس اندازسے سہا، جیسے بڑی تباہی کے آنے سے پہلے خودسمندر سہتا ہے۔ ۔ ۔ وہ چاہتیں تو اس شادی کو رکوا سکتی تھیں۔ ۔ ۔ مگر انھوں نے اپنے دکھوں پر بیٹے کی خوشیوں کو قربان نہیں کیا۔
شادی کے ہنگامے ختم ہوئے۔ عفت، بانو خاتون کے نازوں پلے بیٹے کی بیوی بن کر ان کی کوٹھی میں آ چکی تھی۔ شادی کا تیسرادن تھا۔ ۔ ۔ احسان کے سسرا لیوں نے آنا تھا اور اِدھر بانو خاتون کے دماغ کی رگیں چٹخ رہی تھیں۔
’’یقیناسلیم بھی ان کے ساتھ ہو گا‘‘
انھوں نے نفرت سے سوچا اور پھر ایک طرف تھوک دیا۔ ۔ ۔ مگر اب پانی پلوں کے نیچے سے بہہ چکا تھا۔ گئی بات کو تو گھوڑا نہیں پہنچ سکتا، زمانہ کی ستم رسیدہ بانو خاتون کیا کر سکتی تھیں۔ انھوں نے اپنے وجود کو سمیٹا بالکل اُسی طرح جیسے پچیس سال پہلے سلیم کے گھر سے نکلتے ہوئے پوٹلی میں اپنے وجود کی کرچیوں کو باندھا تھا۔ ۔ ۔ ایک وقار سے مہمانوں کا استقبال کر نے لگیں۔ سلیم سرجھکائے، ندامت و پشیمانی کا پہاڑسرپراُٹھائے عفت کی ماں کے پیچھے پیچھے چلا آ رہا تھا۔ کھانے کے دوران سلیم اور بانو خاتون ایک دوسرے سے نظریں چراتے رہے۔ کھانا ختم ہوا تو اچانک عفت کی ماں نے احسان کو مخاطب کر تے ہوئے کہا
’’بیٹا!ہم پرانے رشتہ دارہیں ‘‘
بانو خاتون نے چونک کر اپنے بیٹے کی ساس اور اپنے سابقہ خاوند کی منکوحہ کی طرف دیکھا۔ وہ سمجھتی تھیں سلیم ایسی کوئی حرکت نہیں کر ے گا، جس سے بچوں کی زندگی متاثر ہو۔ ۔ ۔ مگر ازل کے خود غرض شخص نے وہی کیا جو اس کی سرشت میں شامل تھا۔
’’امی یہ کیا کہہ رہی ہیں آپ؟‘‘
عفت نے اپنی ماں سے پوچھا
’’ٹھیک کہہ رہی ہوں بیٹی، بانو خاتون، سلیم کے عقد میں رہ چکی ہیں اور احسان ان کا بیٹا ہے۔ ‘‘
بانو خاتون نے چاہا کہ وہ چیخ چیخ کر اس بات سے انکار کر دیں اور کہہ دیں کہ احسان اس سانپ کا بیٹا نہیں ہے، مگر وہ ایسانہ کر پائیں۔ ۔ ۔ نہ جانے کیوں ؟
تب احسان کی سوالیہ نظریں اپنی ماں کی جانب اٹھیں تو انھوں نے اثبات میں سرہلا دیا
’’لیکن اماں آپ نے مجھ سے کیوں کہا تھا کہ میرا اس دنیا میں کوئی نہیں رہا؟‘‘
’’تو پھر کیا بتاتی تمھیں ؟‘‘
یہ لفظ اماں کی زبان سے نکلے ہی تھے کہ ان کے چہرے پر موجود کچھ شکنیں آنسوؤں سے بھر گئیں۔ اس چہرے پر جو وقت سے پہلے بڑھاپے کی چادر اوڑھ چکا تھا۔
’’مگر اماں اتنی بڑی بات آپ نے مجھ سے آج تک چھپائے رکھی‘‘
احسان نے قریباً روتے ہوئے کہا۔
’’کیسے بتاتی کہ تمھارے باپ نے مجھے کبھی بیوی سمجھاہی نہیں تھا، کیسے بتاتی کہ میں تین ماہ نُچتی رہی اور پھر نوچنے والے نے مجھے گھر سے نکال کر گلی میں پھینک دیا۔ ‘‘
انھوں نے سوچا
ندامت اور تاسف سے ہاتھ ملتے ہوئے سلیم کی زبان اس کا ساتھ نہیں دے رہی تھی اور وہ صرف اتنا کہہ پایا
’’بانو خاتون مجھے معاف کر دو۔ ۔ ۔ احسان میں تمھارے سامنے ہاتھ جوڑتا ہوں ‘‘
بانو خاتون نے نفرت سے زمین پر تھوکا اور وہاں سے اُٹھ کر اپنے کمرے میں چلی آئیں۔ ۔ ۔ انھیں ایک ایک رات اور اُن سے وابستہ دکھ یاد آتے رہے۔ دل کے سمندر میں اُٹھنے وا لی خاموش موجوں نے طوفان کھڑا کر دیا۔ وہ روتی رہیں، دل کا لہو جلاتی رہیں۔ انھیں دیکھنے کوئی نہ آیا۔ صبح جب وہ اُٹھیں تو ان کی طبیعت بوجھل تھی۔ ۔ ۔ مگر پھر بھی ناشتے کی میز تک آ گئیں
’’ماسی کیا بہو نہیں اُٹھیں ؟‘‘
’’بیگم صاحبہ چھوٹی بیگم اور صاحب تو رات کوہی مہمانوں کے ساتھ چلے گئے تھے ‘‘
دکھ کا ایک پہاڑآسمان سے گراجس کے بوجھ تلے بانو خاتون دب گئیں۔ ۔ ۔
’’واہ احسان وا!خوب میر ی محنتوں اور محبتوں کا صلہ دیاتو نے ‘‘
انھوں نے سوچا اور ماسی سے کہا
’’میں کمرے میں جا رہی ہوں، میرے لیے کچھ مت لانا‘‘
اور پھر اپنے کمرے میں چلی آئیں۔
’’سانپ کا بیٹا سانپ ہی ہوتا ہے ‘‘وہ بڑبڑائیں۔ ۔ ۔ ’’محنت اور محبت‘‘
یہ دو لفظ ان کے لبوں سے پھسلے۔ ۔ ۔
’’بیگم صاحبہ جی!کچھ کھا پی لیں، آپ رات کو بھی ایسے ہی سوگئی تھیں ‘‘
ماسی نے کہا تو بانو خاتون نے چاہا کہ وہ چیخ چیخ کر اس عورت کو بتائیں وہ رات کو سوئی کہاں تھیں، وہ تو شب بھر پل صراط سے گزرتی رہیں۔ پھر انھوں نے کچھ سوچتے ہوئے کہا
’’اچھا چلو!جوس کا گلاس یہاں رکھ دو، میں پی لوں گی‘‘
ماسی نے بیڈ کے ساتھ داہنی طرف پڑی ہوئی میزپرگلاس رکھا اور باہر چلی گئی۔
’’ماسی پھر اچھی ہے، اسے میرا خیال تو ہے۔ احسان جس پر میں نے زندگی لٹا دی یوں پل بھر میں سارے رشتے توڑ کر چلا گیا۔ ۔ ۔ اور اباّجی جن کی محبتوں کے لیے ہمیشہ ترستی رہی۔ ۔ ۔ اور پھوپھو جن کے لیے میں نے اپنے معصوم ہاتھ جلا کر روٹیاں پکائیں۔ ۔ ۔ اور بہروز بھائی جن کے نہانے تک کا پانی میں نے بھرا۔ ۔ ۔ اور نوروز۔ ۔ ۔ (گھن آتی ہے اسے بھائی کہتے ہوئے )اس کے لیے کوئلے دہکا دہکا کر کپڑے استری کیے۔ ۔ ۔ اور سلیم۔ ۔ ۔ جو تین ماہ صرف اپنی ہوس مٹاتا رہا۔
اوہ۔ ۔ ۔ خدایا!میں کس عذاب سے گزر رہی ہوں۔ اب تو ان دکھوں کی اخیر کر دے۔ ‘‘
انھوں نے خود کلامی کی۔ ۔ ۔
پھر انھوں نے اپنے محنت آشنا ہاتھوں کو پیالہ بنا کر آنکھ سے نکلنے والے موتیوں کو ان میں بھر لیا۔ ماسی دوبارہ آئی تو جوس کا گلاس وہیں رکھا تھا۔ ۔ ۔ اور بانو خاتون کا چہرہ ہتھیلیوں کے پردے میں تھا۔
ان کے لیے وقت ایک بار پھر تھم چکا تھا۔ ۔ ۔ یا پھر ماضی کی طرح پتھروں کی چٹان تلے آ چکا تھا۔ وہ ان واقعات کو بھولنا چاہتی تھیں، مگر یہ ممکن نہ تھا ؂
دوست، کہاں ہیں دوست
نیلے خون کی خوشبو نے
راز اُگل ڈالے
لوگوں نے تو سنا تھا۔ ۔ ۔ مگر بانو خاتون مارِآستین سے ڈسی گئیں، ڈسی جاتی رہیں۔
اب احسان اپنے باپ کے ساتھ رہ رہا ہے۔ اماں نے حصہ میں اسے اسکول لکھ دیا ہے۔ کبھی کبھار وہ اپنی بیوی اور بچوں رامش اور دانش کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کے لیے یہاں چلا آتا ہے۔ ۔ ۔ لیکن اب کی بار تو نہیں آئے وہ لوگ۔ ۔ ۔ اماں کی بیماری پربھی نہیں۔ ماسی نے تو یہی بتایا تھا کہ احسان اور بہو کو اطلاع کر دی گئی تھی۔ ۔ ۔ اور بیگم ضرار بتا رہی تھیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
’’اُف اللہ۔ ۔ ۔ یہ میرے ساتھ کیا ہوا؟‘‘
بانو خاتون نے سوچا۔
٭٭٭

ڈاکٹر کمرے میں داخل ہوتا ہے
’’بیگم صاحبہ اب آپ کی طبیعت کیسی ہے ؟‘‘
’’بہتر ہوں، ڈاکٹر صاحب‘‘
بانو خاتون کی آوازدُورکسی وادی سے آتی ہوئی معلوم ہوتی ہے۔
٭٭٭

وہ بوڑھے ما لی اور ماسی کے ساتھ گھر لوٹ چکی ہیں۔ کوٹھی کے چاروں اور پھیلے ہوئے سبزے سے ہوا اٹھکھیلیاں کر رہی ہے۔ ریاض پودوں کو پانی دے رہا ہے اور پودوں سے جدا ہو جانے والے پتوں کو اُٹھا کر ہتھ ریڑھی میں ڈال رہا ہے۔ بانو خاتون ادبی رسالے کا نیا شمارہ جھولی میں رکھے مطالعہ کر رہی ہیں۔ دفعتاً اُٹھتی ہیں اور بے چینی سے زمرد سار گھاس کے فرش پر ننگے پاؤں چلتی ہیں اور بے تابی کے ساتھ ریاض کو پکارتی ہیں
’’ریاض۔ ۔ ۔ اِدھر تو آنا‘‘
’’جی بیگم صاحبہ‘‘
کہہ کر بوڑھا مالی اپنے کپڑے جھاڑتا ہوا چلا آتا ہے
’’ریاض!تمھیں کتنے مہینوں سے تنخواہ نہیں ملی؟‘‘
٭٭٭

نیا جنم

روبینہ فیصل

گود میں پڑے سیل فون کی گھنٹی بجی تو میرے پورے جسم میں ارتعاش پھیل گیا۔ نامعلوم نمبر۔ گاڑی چلاتے ہوئے اٹھاؤں یا نہیں۔ یہ سوچ
ہی رہی تھی کہ انگلی فون کے سپکیر پر دب کر اسے آن کر گئی۔ ہیلو ! میرے منہ سے جیسے ہی نکلا دوسری طرف سے انتہائی پنجابی جٹ لہجے میں اردو بولتی کھردری سی آواز نے انتہائی غصے میں مجھ سے پوچھا۔
آپ سیمی ہو جی ؟؟
جی جی۔ ۔ میں نے ریڈسگنل پر بریک لگاتے ہوئے کہا۔
بھاگ گئی کسی یار کے ساتھ، حرامجادی اس کا اپنا تو منہ کالا ہی تھا ہم سب کا بھی کر گئی۔ آواز نے کسی لحاظ کے بغیر اپنا مدعا بیان کیا۔
کون بھاگ گئی کہاں بھاگ گئی کون ہیں آپ ؟
پچھلی سیٹوں پر بیٹھی میری بیٹیاں۔ میرا دھیان فوراً ان کی طرف گیا جو کہ پنجابی، اردو گالیوں کو شائد نہیں سمجھتی تھیں، مگر موسیقی کی طرح گالیوں کی بھی کوئی زبان نہیں ہوتی اسی لئے جب میں نے بیک ویو مرر سے ان کے چہروں کا رنگ بدلتے دیکھا تو فون کا سپکیر بند کیا اور کانپتے ہاتھوں سے اسے کان کے ساتھ جوڑ دیا۔
آپ بھولی نہ بنیں جی آپ تو اس کی رب، بھگوان، وائے گرو، سب ہیں نا جی۔ ۔ ۔ آپ کی تو آرتی اتا رتی تھی۔ ۔ لہجے کی کاٹ میرے کان تو کاٹ ہی رہی تھی۔ مگر معاملے کی تہہ تک پہنچتے ہی میرا کلیجہ بھی کٹ گیا۔
۔ امرت کور ؟یہ نام خون کے قطرے کی طرح میرے اندر کہیں گرا۔ دلجیت سنگھ ہیں آپ ؟
اور کون ہوسکتا ہوں ؟یہ چھڈ دیں جی میں کون ہوں یہ بتائیں وہ کھتے گئی ؟
ابھی تم مجھے اطلاع دے رہے ہو کہ وہ بھاگ گئی۔ ۔ ۔ میں تمھیں کیسے بتاؤں وہ کھتے گئی۔ ۔ میں نے اسی کا اندازہ اور اسی کی نفرت اسے واپس لوٹانے کی کوشش کی
۔ نہ بتائیں جی۔ پولس میں رپورٹ کر دی ہے۔ مگر آپ اسے یہ جرور بتا دیں جس دن ہتھے چڑھ گئی، اس کی نک وڈ دینی ہے۔ اور اس کے یار کی تون (گردن)۔
یہ کینڈا ہے دلجیت سنگھ تمھارا پنجاب نہیں۔ ۔ غصہ اور غم اب مجھے پورا نگل چکا تھا، اس کی ناک کاٹو گے پولیس تمھارا گلا کاٹ دے گی۔ میں نے دھمکاتے ہوئے کہا۔
۔ اب میں گاڑی بچوں کے سکول کی پارکنگ میں کھڑی کئے ساکت بیٹھی تھی۔ میری دونوں بٹیاں نہ جانے کب مجھے بائے بائے والا ہاتھ ہلا کر کینڈا کی آزاد فضا میں شامل ہو چکی تھیں۔ اور میں کینڈا کی اس کھلی فضا میں گاڑی پارک کرنے کے باوجود اس کی تازگی اور آزادی اپنے اندر نہیں اتار سکتی تھی۔ میری گاڑی کے شیشے بند تھے اور میں اندر سے پنجاب سے آلودہ ہو رہی تھی۔
وہ کہہ رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ :
اندر سے وہ پوری رنڈی تھی۔ کسی کوٹھے کا بیج، غلطی سے شریف گھر میں پیدا ہو گئی اور اس سے بھی بڑی غلطی، مجھ جیسے شریف گھر کے لڑکے سے بیاہی گئی۔ ۔ اب اس کے انداز میں پراپگنڈہ کی وہ پلاننگ تھی جو اس کے پورے خاندان نے بیٹھ کر کی ہو گی کہ اس خبر کو پھیلانا کیسے ہے۔
شریف آدمی تمھیں آج نظر آیا کہ وہ بھاگ گئی۔ ؟وہ تو نہ جانے کتنی دفعہ بھاگی ہے۔ ۔ اس سے زیادہ الفاظ میرا ساتھ نہ دے سکے۔
میں نے فون بند کر کے ساتھ والی سیٹ پر اور اپنا سر پیچھے پٹک دیا۔ ۔ اور جب بند آنکھوں کے پیچھے گھٹن اتنی بڑھ گئی تو ان کے کناروں سے خاموش پانی اپنا راستہ بناتا باہر نکلنے لگا۔ گھٹن تو یہ بے جان، ننھے ننھے قطرے نہیں برداشت کر سکتے۔ وہ تو پوری جاندار اور متحرک عورت تھی۔
میں ہوں پنجاب کی پوری جوان۔ اس کے ساتھ ایک انتہائی زندہ اور خالص قہقہے نے میرے اندر ایک ہلچل مچائی۔ کینڈا کی سرد اور دو چہروں والی ماڈرن زندگی میں پینٹ شرٹ، لانگ شوز پہنے، پنجاب کی اس جٹی نے مجھے سات سال پہلے مجبور کر دیا تھا کہ میں اس کے ایک چہرے کو غور سے دیکھوں۔ میں نے اسے کہا
امرت کور یہ کینڈا، پینٹ کوٹ تمھارا کچھ نہیں بگاڑ سکا تم سر پر لسی کی چاٹی رکھو، ہاتھ میں ساگ اور مکئی کی روٹی کی پوٹلی اٹھاؤ اور نکل جاؤ کھیتوں میں اپنے دلجیت سنگھ کو کھانا کھلانے۔
ہو ہائے۔ ۔ لے دسو۔ ۔ اس کے ساتھ وہ مجھ سے بڑی پیاری انگریزی میں بات کرنے لگی تھی۔ ۔
نہ نہ میں نے ہاتھ کھڑے کرتے ہوئے کہا تھا۔ ۔ still I am not impressed۔ ۔ امرت تمھارا جالندھر نہیں مرا نہ تمھارے اندر تو رہنے دو مت مارو اسے۔ ۔ اپنے اس ایک چہرے کی خوبصورتی اور قدر تمھیں نہیں پتہ تو مجھ سے پوچھو میں بتاؤں گی۔ ۔
سیمیں جی۔ ۔ تسی مینوں چنگے لگدے او۔ ۔ کیوں ؟اس کا کارن۔ ۔ مجھ سے پچھو۔ ۔ اس کی خوبصورت آنکھوں میں شرارت کی پھلجڑی چلی۔
دسو۔ ۔ میں نے اسی کے انداز میں کہا۔ ۔
آپ ابھی تک ایک منہ والے لوگوں کی پچھان رکھتے او۔ اور ان کی قدر کرتے ہو۔ ورنہ مجھ نکمی کو کون منہ لگاتا ہے۔ آپ میں کچھ ہے بھگوانوں جیسا۔ ۔ میں لاکھ نکمی سہی لیکن صاف دل والوں کو پچھان لیتی ہوں۔ آپ میری سہیلی بن جاؤ۔ بس !اس نے اعلان والے انداز میں کہا تھا۔ ۔
میں ہنس پڑی۔ ۔ یہاں کس کو وقت ہے سہیلی بننے کا۔ مگر میں تمھاری سہیلی ہی ہوں۔ ۔
میری سسٹر بن جاؤ۔ ۔ اس نے میری گردن کے گرد باہیں ڈال کر مجھے چمٹتے ہوئے کہا۔ ۔ اچھا اچھا میں نے ہنستے ہنستے اس کے بازو اپنی گردن سے جدا کرنے کی کوشش کی۔
وقت کے ساتھ ساتھ اس کے بازو میری گردن کے گرد اور کستے گئے۔ ملنے ملانے کا وقت نہ اس کے پاس ہوتا نہ میرے پاس۔ مالٹن اور ملٹن کے شہروں میں فاصلے تھے مگر فون کی تاروں نے ہمیں آپس میں باندھنا شروع کر دیا۔ پھر ایکدم وہ غائب ہو گئی تھی، کوئی رابطہ نہیں۔ دو سال ایسے ہی گذر گئے۔ آج بچوں کے سکول کی پارکنگ کے باہر کھڑے میں سوچ رہی ہوں مجھے ان دو سالوں میں ایک دفعہ بھی خیال نہیں آیا کہ وہ کسی مصیبت میں ہو گی۔ میں اپنی زندگی کی الجھنوں کو سلجھانے میں اور اپنی ذات کو بچانے کے چکر میں ارد گرد سے ویسے ہی بیگانہ ہوتی جا رہی تھی۔ پھر بھی کبھی کبھار روٹین میں اس کا نمبر ڈائل کر دیتی، نمبر بند ملتا۔ اور اس کے بعد میں کچھ اور میں مصروف ہو جاتی۔ پھر ایک دن اس کا فون آ گیا۔ اور اس کی آواز سنتے ہی مجھے احساس ہوا کہ یہ تو بہت دنوں بعد فون کر رہی ہے۔ میں نے فوراً گلے شکووں کی دکان کھول دی۔ وہ پہلے یہ شٹر گرانے کی کوشش کرتی رہی۔ پھر ایکدم رو پڑی۔ میں بولتے بولتے چپ ہوئی یہ سسکیاں کہاں سے ابھر رہی ہیں۔ اگر دوسری طرف امرت کور ہے تو اب تک قہقپہ کیوں نہیں سنائی دیا۔
امرت ؟؟ میں نے سہمے سہمے پوچھا۔ ۔ تم رو رہی ہو ؟
آنسوؤں، ہچکیوں، بار بار فون بند کرنے کے بعد مجھے بات کچھ اس طرح سمجھ آسکی کہ وہ معاشی پریشانیوں کا بہت برے طریقے سے شکار رہی تھی۔
اس کے شوہر نے اپنے آپ کو بھی اور اس کو بھی بنک کرپٹ کروا دیا تھا۔ اس کے علم کے بغیر اس کے نام کی کریڈٹ لائنز تھیں، اس کے کریڈٹ کارڈ استعمال کئے ہوئے تھے۔ اس کے 3600سکوئر فیٹ والا گھر اور اس کی مرسڈیز، کچھ بھی اب اس کے پاس نہیں تھا۔ اور ایک دن جب وہ ہڈیاں ابھرے چہرے کے ساتھ پرانی، زنگ آلود کرولا میں مجھ سے ملنے آئی تھی تو میں نے اسے کہا تھا
میری پنجاب کی جٹی کہاں ہے ؟
اس نے ہنسنے کی کوشش میں روتے روتے میرے گلے لگتے ہوئے کہا۔ ۔ وہ اب کرائے کی بیسمنٹ میں دھیرے دھیرے دفن ہو رہی ہے۔
سیمیں جی ہم لوگ مردے جلاتے ہیں مگر سکھوں میں اب نیا رواج پڑنے والا ہے زندہ مردوں کو دفنانے والا۔ ۔
مالی مسائل سے اتنا نہیں گھبراتے، یہ شکر کرو تمھارے بچے، تم اور تمھارا شوہر سب صحتمند ہیں۔ میں نے ٹشوسے اس کے آنسو پونچھتے ہوئے کہا تھا۔ بچوں کو رب جندگی دے۔ ۔ مگر میں جینا نہیں چاہتی۔ ۔ آنسو ٹشو بھگوتے جا رہے تھے۔ ۔
صرف اس لئے کہ تمھارا بڑا گھر، گاڑی نہیں رہی ؟
یہ بات نہیں ہے۔ ۔ وہ چپکے سے بولی۔
تو کیا کولیکشن ایجنیسیوں کی کالز نے تمھارے اعصاب متاثر کر دئے ہیں اور اس کے بعد بنک کرپٹ ہونے کی ذلت۔ ۔ کیوں موت کی بات کر رہی ہو۔ ۔ کیوں ہنسنا بھول گئی ہو ؟
وہ مجھے چھڈ کر چلا گیا تھا جس نے میری رکھشا کی جمہ واری اٹھاتے ہوئے کہا تھا ساری جنگدی میری حفاظت کرے گا وہ کائیر پیسے کی تنگی میں مجھے فنسا کر اپنے ماں باپ کی بگل میں گھس گیا تھا۔ ۔ سارا کچھ سہ سکتی تھی، اپنے ساتھ کھڑا کر کے شڑک پر بھیگ مانگنے کو کہتا وہ بھی کر لیتی۔ ۔ پر مجھے کلا کر گیا۔ یہ بات نہیں جہن (ذہن ) سے نکلتی۔ ۔ فنس گئی ہے۔ ۔ اب واپس بھی آ گیا ہے مگر اس وقت کو کیسے بھولوں جب میں اپنے ماں باپ اور بھائیوں سے پیسے منگ منگ کے ان مسئلوں سے نکلی۔ ۔ گراسری تک میری ممی میرے ساتھ جا کے کرتی اور جب پیسے دینے کی باری آتی تو میں بے شرموں کی طرح اپنی بوڑھی ممی کو اپنے پنشن کے پیسوں سے بل دیتے دیکھتی اور اپنی گیلی اور بے شرم آنکھیں ادھر ادھر کر دیتی۔ ۔ اس سب نے مجھے مار دیا ہے۔ میں جندہ تو نہیں۔ ۔ بچوں کو جب کچھ ترو کے اتنے بڑے گھر سے بیسمنٹ میں لا کر فینکا تو میرا چھوٹا بہت بلک بلک کے رویا تھا۔ ۔ اور ووڈے نے کہا ماما اب میں اپنے دوست گھر نہیں لا سکتا۔ ۔ میں تھاہ مر گئی سیمی جی۔ ان بچوں نے ہمیں چٹھی نہیں ڈالی تھی کہ ہمیں پیدا کرو۔ ۔ ہم نے انہیں پیدا کیا اور اب یہ زندگی دی انہیں۔ سب باتیں بھول جاؤں۔ ۔ مگر مجھے کلم کلی کو چھڈ گیا۔ ۔ یہ جہن سے نہیں نکلتا۔ ۔ اس کی آنکھیں اب آنسوؤں سے بھی خالی تھیں۔
یہ بھی ذہن سے نکالنے کی کوشش کرو۔ زندہ ہو تو پھر زندہ رہ کر ہی جیو۔ ۔ امرت مردے زیادہ دن سپورٹ لائف پر نہیں جی سکتے۔ کوئی بھی ان کی سپورٹ ختم کر دے تو بس کہانی ختم۔ ۔ میں نے اپنے آنسو اپنے اندر ہی کہیں پھینکتے ہوئے کہا تھا۔
اور یہ دلجیت سنگھ سمجھ رہا ہے وہ آج بھاگی ہے۔ ۔ وہ تو اس دن ہی بھاگ گئی تھی جب وہ اسے چھوڑ گیا تھا۔ دلجیت نے سوچا وہ واپس آ گیا تو وہ پھر سے اکھٹے ہیں۔ اس ناقص عقل نے یہ نہ دیکھا کہ جب وہ واپس آیا تو امرت کور تو وہاں تھی ہی نہیں۔ وہ اپنے ساتھ بٹھا کر اس سے باتیں کرتا، اس کے ہاتھ کا پکا کھانا کھا تا، اور رات کو اس کے ساتھ جب سوتا اور سرشاری کے انتہائی لمحے میں کہتا۔ ۔ رب دا شکر ہے اسی فیر اکھٹے آں۔ اور وہ اس کی فراغت کے بعد، منہ پر ہاتھ رکھے اپنی ابکائی کو دبائے اسے دھکا دے کر پیچھے کرتی اور شاور کے نیچے جا کر کھڑی ہو جاتی اور اپنا جسم مل مل کر دھوتی اور اگلے دن مجھ سے کہتی،
اچھا اب میں ایسا نہیں کہتی کہ میں مر جاؤں مگر سیمیں جی کیا ایسا ہوسکتا ہے کہ میں صرف ان پندرہ منٹوں کے لئے مر جاؤں۔ ۔ میں ڈانٹتی تو کہتی اچھا پندرہ منٹوں کے لئے بھی نہیں مرتی مگر کیا اتنی دیر کو بے ہوش ہوسکتی ہوں ؟
میں کار پارکنگ میں گاڑی میں بیٹھے بیٹھے پتھر کی ہو گئی ہوں
۔ ہوں !! پھر بھی ہنکارا بھرتی ہوں۔ ۔ تو دلجیت سنگھ کو نظر آ گیا کہ وہ بھاگ چکی ہے۔ میں نے تو اسے بھاگتے اس وقت بھی سنا جب وہ مجھے فون پر کہہ رہی تھی
سیمی جی اس وقت فون کیوں کیا ؟ کیوں اس وقت کیا ہے ؟ میں اس کے انداز سے چونکی۔
میں اپنا کام کر رہی تھی۔ اس کی آواز میں سرشاری تھی۔ ۔ اپنا کام ؟ میں نے کچھ نہ سمجھتے ہوئے کہا۔ ۔ ہاں جو وہ کتا رات کو میرے ساتھ کرتا ہے۔ ۔ میں خوفزدہ ہو کر بولی کون ہے تمھارے ساتھ۔ ۔ ؟ اس نے وہی بھر پور پنجابی قہقپہ مارا۔ ۔ کوئی تو ابھی ڈھونڈ رہی ہوں۔ فی الحال میں خود کافی ہوں۔ ۔
مجھے کراہت سی محسوس ہوئی۔ جس کام سے فون کیا تھا وہ بتائے بغیر میں نے فون بند کر دیا۔ ۔ اس کے بعد بہت دنوں تک میں نے اس سے رابطہ نہ کیا۔ وہ مجھے فون کرتی تو بہت مرتبہ میں اٹھاتی ہی نہ اور جب اٹھاتی تو ہیلو کہتے ہی کہہ دیتی میں مصروف ہوں دوبارہ کرتی ہوں۔ ۔ اور پھر میں اسے کبھی فون نہ کرتی تھی۔ ۔
پھر ایک دن اس کا مجھے سیل فون پر ٹیکسٹ آیا کہ میں نے آپ کو اپنا بھگوان، خدا، رب سب کہا تھا۔ ۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ جیسے وہ ہماری نہیں سنتے آپ بھی میری سننا چھوڑ دو۔ ۔ آپ اب میری ماں، باپ، بہن، بھائی اور دوست سب کچھ ہو۔ ۔ دیوتاؤں کے جوتوں سے نکلو، ان دنیاوی رشتوں میں گھسو۔ ۔ اور مجھے دیکھو میں بہت تکلیف میں ہوں۔
میرے اندر کا جج اس پیغام کے بعد ایک دم ڈھیلا پڑ گیا۔ میں نے اسی وقت اسے فون کیا۔ ۔ اور جھوٹے سچے مصروفیت کے بہانے لگا نے کے بعد اس کا حال چال پوچھا۔ ۔
دو خوشخبریاں ہیں۔ ۔ اس نے چہکتے ہوئے کہا۔
تمھارا تو میسج تھا کہ تم تکلیف میں ہو۔ ۔ میں نے سکون کا سانس اندر کھینچتے ہوئے کہا۔ جس چیز کی عادت نہ رہے وہی تو تکلیف دیتی ہے۔ اس نے بات جاری رکھی۔
خوشخبری نمبر ایک۔ اب کتا میرے پاس رات کو کم کم۔ ۔ بلکہ نہ ہونے کے برابر آتا ہے۔ ۔ اور پھر وہی پنجابی قہقہہ مارتے ہوئے بولی۔ ۔ ٹائلٹ میں گھنٹہ گھنٹہ لیپ ٹاپ لے کر گھسا رہتا ہے۔ ۔ اچھے حالات ہوتے تو میں آپ کو کہتی لیپ ٹاپ میری سوکن بن گیا ہے مگر اب تو میرے لئے کیا آپ کہتی ہو جی۔ ۔ رحمت۔ ہاں رحمت بن گیا ہے جی۔
خوشخبری نمبر دو۔ ۔ مجھے ایک سچل پنجاب کا غیرت مند، ذہین گھبرو جوان مل گیا ہے۔ اب آپ کی پنجاب کی جٹی واپس آ جائے گی جی۔
اور مجھے سمجھ نہ آئی ان دونوں خوشخبریوں پر خوشی کا اظہار کیسے کروں۔ ۔ اسی لئے میں نے چہرے پر مسکراہٹ گھسیٹتے ہوئے پوچھا تو کیا تم دلجیت سنگھ کو چھوڑ رہی ہو ؟
لے۔ !! بچوں کو رول دوں کیا سوچیں گے پہلے باپ نس گیا اب ماں چھڈ گئی۔ پھر آپ کو تو پتہ ہی میرے بھائی اور ماں سب سے پہلے انہوں نے شور مچانا ہے اور کہنا ہے ساڈی نک کٹی گئی۔ ۔ میرا ساتھ کون دے گا۔ نہ جی اس کو اسی طرح ساتھ رکھنا ہے۔ اور اب بس میں نے دو چہرے بنانے ہیں۔
۔ پھر ایکدم اسے کچھ یاد آ گیا اور چونکتے ہوئے بولی آپ کو تو میرا ایک چہرہ پسند تھا نا۔ ۔ اسی وجہ سے آپ نے دھرم کو درمیاں میں لائے بغیر مجھ سے دوستی کی تھی۔ ۔ آپ مجھے چھوڑ تو نہیں دو گی۔ ۔ ؟ آپ مجھے کبھی نہ چھوڑنا۔
سٹیرنگ کے اوپر میرے ہاتھ بے جان پڑے ہیں، گاڑی چلا کر گھر کیسے لے کر جاؤں گی۔ ۔ وہ بھاگی تو بہت دفعہ تھی، پھر کبھی بچوں کے لئے، کبھی ماں باپ کے لئے، کبھی بہن بھائیوں کے لئے، کبھی کمیونٹی کے لئے وہ بھاگی ہوئی نظر نہ آتی تھی۔ ۔ اب وہ کیوں ایسے بھاگی کہ نظر آ گئی، سنائی دے گئی، محسوس ہو گئی۔ ۔ کیوں ؟؟؟؟؟؟؟
۔ ۔ ۔ وہ اندر سے رنڈی تھی۔ ۔ ۔ اس کے شوہر کے الفاظ سوئے ہوئے بھی میرے کان میں گو نجے تو تو میں ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھی، ساتھ لیٹے ہوئے اپنے شوہر کے بازو پر سر رکھ کر اس کے سینے کے ساتھ دبک گئی۔ رنڈی میری دوست تھی ؟میں بڑ برائی، وہ جاگ گیا تھا۔ اس نے مجھے ساتھ بھینچتے ہوئے کہا میں تو تمھیں پہلے ہی کہتا تھا سکھ عورتیں اور طرح کی ہوتی ہیں۔ اور یہ تو کچھ زیادہ ہی۔ ۔ ۔ میں نے بات پوری ہونے سے پہلے دھکے سے اسے پیچھے کیا۔ ۔ اور چلائی
نہیں وہ صرف جینا چاہتی تھی۔ وہ عام سی زندہ عورت تھی، قہقہہ مار کر ہنسنا، اپنی مرضی کے کپڑے پہننا اور بارش میں ناچنا چاہتی تھی۔ کہہ لو بس اپنی زندگی کو جینا چاہتی تھی زندوں کی طرح مگر سب۔ اسے مارنے کی مسلسل کوشش میں لگے ہوئے تھے
اور میں روتی روتی اپنے کمرے سے نکل کر اپنی بیٹیوں کے کمرے کی طرف بھاگی۔ وہ میرے پیچھے پیچھے آ گیا۔ اس کی نیند اکھڑ گئی تھی۔ واپس کمرے میں آؤ۔ نہیں آتی میری رگیں تن گئیں۔ ۔ وپ منت سماجت پر اتر آیا۔ اور آخر کار جب بچیاں نیند سے ڈسٹرب ہونے لگیں تو غصے سے چلایا۔
بدکردار عورتوں سے دوستی رکھو گی تو میری بیٹیوں پر بھی اثر پڑے گا۔ ۔ تم جاؤ جہنم میں۔ ۔ وہ اپنی شکست کو اپنے تئیں پیروں تلے کچلتا اور مجھے دانتوں میں کچکچاتا چلا گیا۔
امرت کور جب مردہ حالت میں میرے پاس آئی تھی تو میں اس کے جنازے کی چارپائی اکیلے نہیں اٹھا پائی اور اس رات میں نے اپنے شوہر کو اس کے بارے میں سب بتا دیا تھا۔ ا س وقت اس نے مجھے سمجھایا کہ اس سے دور رہو ایسی مسائل زدہ عورتیں، نفسیاتی مسائل کا شکار ہوتی ہیں۔ تم پر چاہتے نہ چاہتے ہوئے بھی اثر ہو جائے گا۔ اور میں اس کے بعد جب بھی امرت کور کی کوئی بات سنتی چاہتے یا نہ چاہتے میرے دل میں شوہر کی طرف سے دی ہوئی وارننگ کا الارم بج جاتا۔ اور میرے اندر بیٹھا جج اپنا ہتھوڑا لئے حدِ ادب حدِ ادب کہتا میز بجانے لگتا۔ کیا میں امرت کور کو سنگسار کرنے والوں میں انجانے طور پر شامل ہو چکی تھی ؟
اس کا جواب مجھے دو دن بعد مل گیا۔ امرت کور پڑھی لکھی ہونے کے باوجود کمپیوٹر کو استعمال کرنے میں ہمیشہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتی تھی۔ مگر آج میرے ان باکس میں اس کی طرف سے آیا ہوا پیغام جگمگا رہا تھا۔ میں نے بے تابی سے ای میل کھولی۔ ۔ رومن اردو میں تھی، جسے وہ پنجابی ملی ہندی کہتی تھی۔ ۔

سیمیں جی ! نمستے !
مجھے پتہ ہے اب تک آپ کو میرے بھاگنے کی خبر جرور مل گئی ہو گی۔ کیونکہ گھر چھوڑنے سے پہلے جو پورا ہفتہ تھا دلجیت آپ کو بہت کوسنے دینے لگ گیا تھا، وہ سمجھتا تھا کہ اس کے ساتھ جو موت جیسا ٹھنڈا اور خاموش ایگرمنٹ اور اپنی ذات پر توجہ دینے کا جو کام میں نے شروع کیا ہوا ہے وہ آپ نے مجھے کوئی پٹی پڑھائی ہے کیونکہ چاہتے نہ چاہتے ہر بات میں آپ کا نام میرے منہ سے نکل جاتا تھا۔ میرے لئے تو جی سب کچھ آپ ہی تھی نا جی۔ میں کوئی بات چھپا نہیں سکتی۔ پہلے اس کے سامنے کھلی کتاب کی طرح تھی مگر جب اس کے سامنے میں نے اپنے سارے ورقے سمیٹ لئے تو پھر آپ میری بھگوان بن کر میری زندگی میں آ گئی تھیں جی۔ جب میں اللہ یا بھگوان کہتی تو کہتا ہندو یا مسلی ہو جا۔ ۔ سکھ دھرم میں تیرے جیسی جاتی کا کیا کام۔ ۔ رب کی جگہ آپ میری بات سنتی تھی جی۔ ۔ بڑا سہارا ہو گیا تھا جی۔ ویروار کو پتہ ہے نہ میں ورت (اپواس )رکھتی ہوں، اس دن بھی ویروار تھا، اس نے جیادہ ہی پی لی۔ چیزیں اٹھا اٹھا کر مجھے مارنے لگا میں اپنے آپ کو بچانے لگی، پھر بھی کچھ سخت چیز سر پر لگی اور خون بہنے لگا میں اپنا خون دیکھ کر ڈر گئی کملیوں کی طرح یہاں وہاں بھاگنے لگی، اس وقت بیسمنٹ کی سیڑھیوں سے مجھے اپنے ممی ڈیڈی اور بھائی اترتے نظر آئے۔ میں بھاگ کر ان کو چمٹ گئی، ، سوچا رب نے ان کے تار ہلا دئے، اور مجھے بچانے بھیجا ہے، ممی نے ایک لمحے میں مجھے سینے سے لگا لیا۔ ۔ میں نے آس بھری نظروں سے انہیں دیکھا اور کہا ممی مجھے اس کے ساتھ نہیں رہنا۔ مگر سیمی جی ڈیڈی اور بھائی نے کھینچ کر مجھے ممی کے سینے سے الگ کیا اورکہا
شریف کڑیاں گھر بساتی ہیں۔ ہماری ناک کاسوچ اپنے چونچلوں کا نہیں۔ ۔ نبٹ۔ یہاں رہ کے نبٹ۔
اور دونوں میری ممی کو درمیاں میں گھسٹیتے ہوئے لے گئے۔ ۔ اس دن میں نے آپ کو رب کے ساتھ ساتھ اپنا پریوار بھی بنا لیا۔ ۔ آپ کو نہ بتانے والی باتیں بھی بتانے لگی۔ ادھر پرویندر سے دل لگا لیا۔ ۔ ایسا لگنے لگا وہ میرا کیا کہتے ہیں soul mate ہے یا مجھے اس دکھ سے نکالنے والا وہی ایک بندہ ہے۔ مگر میرا یہ ناجائز رشتہ آپ کو پسند نہیں آیا تھا۔ ۔ آپ مجھے منع بھی نہ کرتی لیکن آپ کی آنکھوں کا رنگ بھی بدلنے لگا تھا۔ ۔ آپ میرے ساتھ چپ ہو گئی تھیں۔ ۔ ۔ اور اس کے بعد آپ کی چپ بھی مجھے کہنے لگی آپ نبٹ!!!!!!
اور جس دن سیمیں جی میرے اٹھارہ سال کے بیٹے نے میرے آٹھ سال کے بیٹے کے سامنے مجھے دھکا دے کر زمین پر گرایا اور کہا آ لینے دے پاپا کو بتاتا ہوں تو فون پر کس سے دانت نکال نکال کر باتیں کر تی رہتی ہے اور میرے ہاتھ سے میرا فون کھینچ کر میرے سر پر دے مارا اور کہنے لگا ماما اس سے اچھا تم مر جاؤ۔ تو مجھے لگا یہ بات آپ کو بھی بتائی تو آپ کی چپ اور بڑھ جائے گی اور کل کو آٹھ سال کے بیٹے سے بھی دھکے کھانے کی گھڑی نہ آ جائے میں چپ چپیتے پچھلے سارے دروازے بند کر کے پرویندر کے پاس آ گئی۔ ۔ اس کے سامنے اپنے پیٹ سے کپڑا ہٹایا۔ ۔
اس نے بس اتنا کہا امرت میرے بال بچے ہیں۔ پورا پریوار ہے، پر تیرا دکھ سمجھتا ہو۔ تجھے کلا نہیں چھوڑوں گا۔ یہاں ایک اپارٹمنٹ لے دیتا ہوں تیرے پاس گڈی ہے۔ موج کر میں آتا جاتا رہا کروں گا تیرے پاس
۔ ۔ میں مانٹریال آ گئی ہوں۔ سیمی جی یہ بات کسی کو نہ بتانا جی۔ ۔ آخری دفعہ آپ کو اپنے گندے کرتوتوں کا ہم راز بنا رہی ہوں جی۔ ۔ دلجیت کہتا تھا۔ میں رنڈی تھی غلطی سے شریف گھرانے میں پیدا ہو گئی تھی اور شریف گھر میں بیاہی گئی تھی۔ سیمی جی دنیا، میرا کھاندان، بچے جو بھی سمجھتے رہیں بس آ پ اتنا جان لو کہ میں اب رنڈی ہوں پہلے نہیں تھی۔
اس سے زیادہ لکھا نہیں جا رہا۔ میں آپ کی دوستی کے قابل نہیں رہی۔ معاف کر دینا۔ ۔ اپنا خیال رکھنا۔ ۔
میں نے ای میل پڑھ کر جلدی سے ڈیلیٹ کر دی اور پھر ڈیلیٹیڈ آئٹیمز میں جا کر پھر ڈیلیٹ کر دی۔ ۔ کہیں میرا شوہر نہ پڑھ لے۔ اس کو میں نے کھرچ کھرچ کر اپنے ان باکس سے نکال دیا۔ ۔ لیپ ٹاپ بند کیا اور اپنے شوہر کے کندھے کو آہستہ سے سے ہلا کر پوچھا
کیا امرت کور بدکردار تھی ؟
اس نے کتاب بند کر کے سائیڈ ٹیبل پر رکھی اور خمار بھری آنکھوں سے مجھے دیکھتے ہوئے بڑے پیار سے کہنا لگا !
نہیں وہ بس زندہ رہنا چاہتی تھی۔ ۔ میں چلائی
سجاد تم جھوٹ بولتے ہو۔ ۔ وہ رنڈی تھی۔ ۔
اس نے ہنستے ہوئے کہا۔ ۔ نہیں یار وہ بس بارش میں رقص کرنا چاہتی تھی۔ ۔ پھر ایکدم سنجیدہ ہوتے ہوئے بولا اب تم پھر نہ بچوں کے کمرے میں بھاگ جانا۔ ۔ ۔ میں ایک فضول عورت کے لئے اپنے بیڈ روم میں یہ روز روز کا تماشا نہیں برداشت کر سکتا۔
اورپھراس نے غصے سے جلتا لیمپ بند کر دیا۔ ۔ اور میں نے اندر ہی اندر پوری قوت سے چیختے ہوئے امرت کور سے پوچھا
۔ ۔ کیا کوئی ایسی موت ہوتی ہے جو صرف پندرہ منٹ کے لئے آ جائے۔ موت نہ سہی بے ہوشی ہی سہی۔ ؟
اور مانٹریال کے سرد علاقے کی طرف سے اس کا جواب آیا۔ ۔ ۔ ۔ سمیں جی میں پہلے رنڈی نہیں تھی۔ اب ہوں۔
میں دوبارہ پیدا ہوئی ہوں۔ ۔
٭٭٭

یتیم

آصف بھٹی

وہ جیسے ہی گھر میں داخل ہوا سب کی نظریں اُس کی طرف اُٹھ گئی اور اُس کے قدم بھی دروازے میں ہی جم گئے سارا صحن لوگوں سے بھرا ہوا تھا بابا صحن میں چارپائی ڈالے سفید چادر اوڑھے سو رہے تھے اماں اور اُس کی دونوں بہنیں اور پھوپھو اُن کے سرہانے بیٹھی رو رہی تھی محلے کی کچھ عورتیں بھی اُن کے پاس بیٹھی رو رہی تھی اماں اُسے دیکھتے ہی ڈھاریں مارنے لگی وہ حیران و پریشان وہیں کھڑا رہ گیا جانے چاچا کہاں سے آ گئے وہ بھی رو رہے تھے انہوں نے اُسے اُٹھا کر سینے سے لگا لیا اُسے کچھ سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ سب کیو ں رو رہے ہیں اور اتنے شور میں بابا سو کیسے رہے ہیں پھر اماں نے بھی اُسے خود سے چمٹا لیا وہ بری طرح رو رہی تھی اُس کی بہنیں اور پھوپھو بھی اُس سے لپٹ گئی۔
ہائے!میرا بچہ۔اماں اُسے سینے سے لگائے کہہ رہی تھی۔تو یتیم ہو گیا۔ایک تیر سا اُس کے سینے میں اُتر گیا اُس نے چونک کر بابا کو دیکھا وہ عمر کے اُس حصے میں تھا کہ وہ یہ باتیں نہیں سمجھ سکتا تھا مگر کڑی دھوپ میں سایہ اُٹھ جانے اور جلنے کا احساس اُسے شدت سے محسوس ہوا اُس کی آنکھوں میں خودبخود آنسو آ گئے۔
کیا بابا اب کبھی نہیں اُٹھیں گے؟اُس نے خود سے سوال کیا۔کیا اب کبھی بھی اُسے پیار نہیں کریں گے ؟کیا وہ کبھی اُن کی کمر پر بیٹھ کر سواری نہیں کر سکے گا؟جواب نفی میں تھا وہ رونے لگا۔
نہ رو میرے بچے!اماں تڑپ کر اُس کے آنسو پونچھنے لگی۔
اماں بابا کو کیا ہوا ہے۔اُس نے اماں سے سوال کیا۔
علی!بابا مر گئے۔اماں سے پہلے ہی آپی بول پڑی۔
بابا مر گئے۔اُس نے دہرایا۔
نہیں بیٹا۔اماں جلدی سے بولی۔تیرے بابا شہید ہوئے ہیں اور شہید مرا نہیں کرتے۔
تو پھر یہ اُٹھ کر بیٹھتے کیوں نہیں۔اُس نے پوچھا اماں کے پاس کوئی جواب نہیں تھا وہ اُسے سینے سے لگا کر پھر رونے لگی۔
بھابی!آپ زیادہ مت روئیں۔پھوپھو نے اُسے اماں کی گود سے اُتار لیا۔آپکی طبیعت ٹھیک نہیں۔اُس نے چونک کر اماں کو دیکھا۔
کیا اماں بھی مر جائیں گی۔اُس نے سوچا اور پھر تڑپ کر پھوپھو کی گود سے اُترا اور اماں سے لپٹ کر بری طرح رونے لگا۔
علی!مت رو بیٹا۔پھوپھو اُسے پچکارنے لگی مگر ایک سیلاب تھا جو اُس کے اندر اُمڈ آیا تھا آنسو رکنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے اماں بھی پریشان ہو گئی وہ اپنا دکھ بھول کر اُسے چپ کروانے لگی چاچا بھی لپک کر آ گیا پھوپھو نے بھی بہترا پچکارا مگر وہ اماں سے لپٹے روتا رہا وہ بابا کی طرف دیکھنے سے احتراز کر رہا تھا مگر جب چاچا اور بابا کے دوست اُن کی میت اُٹھا کر قبرستان جانے لگے تو وہ بابا سے لپٹ گیا۔
بابا!دیکھئے میں ہوں۔وہ اُن کا چہرہ اپنے ننھے منے ہاتھوں میں لے کر بولا۔
بابا!اُٹھئے نا۔مگر بابا نے کوئی جواب نہ دیا۔
علی !بیٹا پیچھے ہٹو۔چاچا نے اُسے پیچھے ہٹانا چاہا۔
نہیں !وہ بابا پر بچھ گیا۔میرے بابا کو مت لے جاؤ۔اُس نے چاچا سے التجا کی۔
علی!چاچا نے زبردستی اُسے اُٹھا لیا۔
مجھے چھوڑوں !وہ چاچا کا منہ نوچنے لگا۔میں بابا کے ساتھ جاؤں گا۔چاچا نے اُسے سینے سے چمٹا لیا وہ بری طرح ہاتھ پاؤں چلا رہا تھا۔
مجھے چھوڑو!
اُس نے چاچا کو گالی بھی دیدی بابا کے دوستوں نے بابا کی میت اُٹھا لی۔
مجھے چھوڑو!میں بس ایک بار بابا کو دیکھوں گا۔اُس نے التجا کی چاچا اُسے میت کے پاس لے گیا اُس نے بابا کے بوسہ دیا چاچا نے اُسے پھوپھو کے حوالے کیا اور میت اُٹھا کر گھر سے نکل گئے وہ بابا کے کمرے کے باہر جا بیٹھا چاچا اور اُن کے دوست بابا کو دفنا کر لوٹ آئے پھوپھو نے کھانا لا کر اُس کے سامنے رکھا مگر وہ بھیگی بھیگی پلکیں لیے یونہی بیٹھا رہا اماں اپنے کمرے کے دروازے میں بیٹھی رو رہی تھی اُس کی دونوں بہنیں اُن کے دائیں بائیں اُن سے لپٹی بیٹھی تھی وہ دور بیٹھا بس اُنہیں دیکھتا رہا وہ رات یونہی سوتے جاگتے گزر گئی وہ ایک دن اُس کی عمر میں کئی سال کا اضافہ کر گیا وہ پہلے والا علی نہیں رہا تھا پانچ سال کی عمر میں ہی وہ پکی عمروں والی سوچ رکھنے لگا تھا وہ اُس دن کے بعد رویا نہیں تھا بلکہ چپ چپ رہنے لگا تھا اماں پھوپھو اور اُس کی بہنیں کئی دن تک روتی رہی تھی وہ چپ چاپ ایک طرف بیٹھا اُنہیں دیکھتا رہتا تھا آنسو جیسے خشک ہو گئے تھے کچھ دن بعد وہ پھر سے اسکول جانے لگا زندگی پھر اپنی پرانی روش پر چل پڑی بس اک کمی تھی تو بابا کی جسے وہ شدت سے محسوس کر رہا تھا یوں تو بابا پہلے بھی چھٹیوں میں کچھ ہی دن کے لیے گھر آتے تھے مگر پھر بھی ایک امید رہتی تھی جو کہ اب بالکل ختم ہو گئی تھی یہی گھر کچھ دن پہلے تک اُس کے اور اُس کی بہنوں کے قہقہوں گونجتا رہتا تھا مگر اب گھر میں مکمل خاموشی رہتی تھی اماں کی طبیعت اکثر خراب رہتی تھی وہ اپنا زیادہ وقت اپنے کمرے میں ہی رہتی تھی اُس کی بہنیں بھی اُن کے پاس رہتی اور وہ بھی اسکول سے آ کر اپنے کمرے میں ہی رہتا تھا کبھی کبھی جب خاموشی کاٹنے کو دوڑتی تو باہر نکل جاتا مگر اب اُس کا دل کسی چیز میں نہیں لگتا تھا مگر ایک دن جب وہ اسکول سے گھر آیا تو چونک گیا گھر کی خاموش فضا میں ننھی ننھی آوازیں اُبھر رہی تھی اُس کی دونوں بہنیں اُسے دیکھتے ہی چہکتی ہوئی اُس کے پاس آئی۔
علی!اللہ نے ہمیں ایک اور بھائی دیا ہے۔باجی اُس کا گال مسلتے ہوئے بولی وہ چونک گیا آپی بھی مسکرا رہی تھی بابا کے جانے کے بعد پہلی خوشی نے گھر میں قدم رکھ دیا تھا اُسے سمجھ نہیں آ رہی تھی وہ کیا کرے بہنیں پھر اماں کے کمرے میں بھاگ گئی اُس نے اسکول بیگ اپنے کمرے میں رکھا اور اماں کے کمرے کے باہر آ کر کھڑا ہو گیا اندر سے نئے مہمان کے رونے کی آوازیں آ رہی تھی اچانک پھوپھو اماں کے کمرے سے نکلی اُسے وہاں کھڑا دیکھ کر مسکرائی۔
علی!تو نے بھائی کو دیکھا ہے۔اُس نے نفی میں سر ہلا دیا۔
چل آ تجھے دکھاؤں۔وہ اُس کا ہاتھ پکڑ کر اماں کے کمرے میں داخل ہو گئی اماں اپنے بستر پر لیٹی ہوئی تھی وہ بھی اُسے دیکھ کر مسکرائی سب خوش تھے اُس کی نظر اماں کے پہلو میں لیٹے کپڑوں میں لپٹے اور روتے ہوئے ننھے سے جسم پر پڑی جانے کیوں اُس کے اندر بھی خوشی کا آبشار پھوٹ پڑا۔
علی!اماں نے آہستہ سے پکارا۔بیٹا آگے آؤ اپنے بھائی کو دیکھو۔
وہ کچھ دیر سوچتا رہا پھر اماں کے قدرے قریب چلا گیا۔
دیکھو علی!یہ بالکل بابا جیسا ہے۔باجی اُس کے چہرے سے کپڑا ہٹاتے ہوئے بولی اُسے ایک جھٹکا سا لگا اور وہ تیر کی طرح اُس تک پہنچا اور جھک کر اُسے دیکھنے لگا وہ رو رہا تھا علی اُس کے پاس بیٹھ گیا ایک ہاتھ سے اُس کے چہرے پر پڑا کپڑا ہٹایا روتا ہوا بچہ اُس کا لمس پا کر ایک لمحے کو چونکا اور آنکھیں کھول کر اُسے دیکھنے لگا اُس نے رونا بھی بند کر دیا ایک لمحے میں محبت کا ایک گہرا سمندر اُس کے سینے میں موجزن ہو گیا اُس نے جھک کر اُس کے ماتھے پر بوسہ دیا۔
بیچارہ!پیدا ہونے سے پہلے ہی یتیم ہو گیا۔پھوپھو تاسف سے بولی
اُسے ایک جھٹکا سا لگا وہ اُس کا معصوم سا چہرہ دیکھنے لگا۔
نہیں !وہ تڑپ کر پھوپھو کی طرف مڑا۔میرا بھائی یتیم نہیں ہے آج سے میں اسکا بابا ہوں خبردار جو کسی نے میرے بھائی کو یتیم کہا۔ سب حیرت سے اُسے دیکھنے لگے اماں کی بھی سسکی سی نکل گئی۔
یہ یتیم نہیں ہے۔وہ پھر اُس پر جھک گیا۔یہ میرا بیٹا ہے میں اسکا بابا ہوں۔
٭٭٭

چوتھی بیوی

عشرت معین سیما

سلمیٰ مبین خان کی تیسری بیوی تھی اور اب مبین خان کو چوتھی شادی کرنے کا جنون سوار تھا کیونکہ کسی نجومی نے بتایا تھا کہ ان کی چوتھی بیوی ان کے لیے مبارک ثابت ہو گی اور صحیح معنوں میں گھر کی لکشمی بھی اور تیسری شادی کئے بغیر چوتھی دلہن لانا ناممکن تھا۔
مبین خان صرف سترہ برس کی عمر میں اپنا گھر بار چھوڑ کر پردیس سدھار گئے تھے۔ گاؤں کے بے رحم حالات نے انھیں ایسا کرنے پر مجبور کیا تھا شہر کی چمچماتی زندگی اور منہ زور ہوا نے ان کو ایسا جکڑا کہ لوٹ کر جانے کا سوچ بھی نا پائے۔ پہلے بس کنڈیکٹر اور رفتہ رفتہ بس ڈرائیور کے عہدے پر آ گئے اور ایک دن اپنے ذاتی لاریوں کے اڈے کا خواب دیکھ رہے تھے۔ اور کیوں نہ دیکھتے خواب دیکھنا تو ہر آزاد شہری کا حق ہے اور یوں بھی خواب دیکھنے پر کونسا ٹیکس لگتا ہے یا کوئی خاص پرمٹ لینا ہوتا ہے لہٰذا وہ یہ کام دل کھول کر کرتے جب بھی موقع ملتا ایک نسوار کی چٹکی آستین سے نکال کر منہ میں دانتوں اور گال کے درمیان بھری اور ایک لمبا سانس لیکر خوابوں کا تانا بانا بننے میں مصروف ہو گئے۔ بڑی بے فکر زندگی تھی۔ ایک دن اچانک نا جانے کس کی دعا سے ان کا یہ خواب پورا ہو گیا۔
کچھ سال بعد ہی کراچی کے کسی لاریوں کے اڈے کے مالک نے مبین خان سے اپنی اکلوتی بیمار بیٹی کی شادی نا صرف ان سے کر دی بلکہ اپنا لاریوں کا اڈا بھی اسے سونپ ڈالا اور خود جہان فانی سے چل بسا۔ اب مبین خان زندگی کو تبدیلیوں کی جانب جاتا دیکھ رہے تھے۔ کچھ عرصے بعد اچانک ہی مبین خان کی بیوی بھی ایک بیٹی کو جنم دیکر اس دنیا سے سدھار گئی۔ اب اسے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ کیا کرے۔ محلہ اور پڑوس کی عورتوں اور مردوں نے مل کر ان کی ایک ماہ کے بعد ہی دوسری شادی کروا دی۔ مگر وہ بیوی راشدہ ان کے لئے عذاب سے کم نہ تھی۔ سارا دن وہ ان کی مرحوم بیوی کو کوستی رہتی اور مبین خان کی کم مائیگی کا رونا ہر آنے جانے والے سے کرتی رہتی۔ ان کی بچی کو پالنا تو درکنار تھا سارا دن وہ بے ماں کی بچی بلکتی رہتی اور ایک دن وہ یونہی بلکتے بلکتے کسی بیماری نے اسے اپنی آغوش میں لیکر اسے اس کی حقیقی ماں کے پاس پہنچا دیا۔ مبین خان نے اس صدمے کو سہنے کے لئے راشدہ کو طلاق دے دی اور لاریوں کے اڈے کو بھی اونے پونے بیچ کر کسی نہ کسی طرح دوبئی آ پہنچے۔ نہ تعلیم نہ ہنر اور نہ پیسہ بالکل خالی ہاتھ وہ در در نوکری کی تلاش میں کبھی مزدوری کرتے کبھی کسی ہوٹل میں برتن دھوتے اور کبھی کبھی سارا دن شہر کی خاک چھان کر آٹھ دس لوگوں کے مشترکہ کمرے میں کسی نا کسی طرح اپنی نیند پوری کر لیتے۔ ایک دن ان کی ملاقات چودھری افضل سے ہوئی جو لوگوں کو جعلی پاسپورٹ اور ویزوں پر یورپ اور امریکہ بھیجا کرتا تھا۔ مبین خان نے بھی اپنی قسمت آزمانے کا سوچا اور اپنی جمع پونجی چودھری افضل کے حوالے کر کے جاڑوں کی ایک تاریک رات کو وہ جعلی پاسپورٹ پر سفر کر کے جرمنی آ پہنچے۔ برف سے ڈھکی سڑکیں، گورے گورے لوگ اور سردی کے مارے اس کا سفید چہرہ عجیب ماتمی منظر پیش کر رہا تھا۔ سرحدی پولیس اور مترجم کے سامنے اس نے رٹی رٹائی کہانی سنانا شروع کر دی مگر اختتام سے پہلے ہی وہ سیاسی پناہ کی جیل میں گرم کپڑوں، بستر اور پھیکے مگر صحت مند کھانوں کا لطف اٹھا رہے تھے۔ وہ دل ہی دل میں سوچ رہے تھے کہ کتنے اچھے اور کتنے سادہ ہیں یہ لوگ۔ انکو معلوم ہے کہ ہم جھوٹ بول رہے ہیں مگر پھر بھی ہم سے انسانوں جیسا سلوک کرتے ہیں انکو یاد آ گیا کہ ایک بار جب کراچی میں مہاجر پٹھان جھگڑے ہوئے تھے تو وہ سچ کے ساتھ بھی اپنا دفاع نہیں کر پائے تھے بلکہ الٹا ہی پولیس کی مار کے ساتھ ساتھ اپنی تین بسوں کے جلنے کا نقصان بھی اٹھانا پڑا تھا۔ گذرے دن یاد کرتے کرتے پتا نہیں کب ان کی آنکھ لگ گئی۔ اگلے دن انھوں نے پکا سوچ لیا تھا کہ یہی ان کی منزل ہے کچھ ہو نا ہو یہاں انصاف تو ہے۔ انسان کے ہاتھوں انسان کی تحقیر تو نہیں ہے۔ انکی جیل کے کمرے میں ایک اور ہندوستانی بھی موجود تھا اور اس نے ہی بتایا کہ اب یہاں سیاسی پناہ ملنا دن بہ دن دشوار ہوتا جا رہا ہے صرف شادی یا بچہ ہی اسے یہاں کے قانونی شہری کی حیثیت دلا سکتا ہے۔
مبین خان کو بچپن میں کسی نجومی کی کہی بات یاد آ گئی کہ 249249 تیری چوتھی بیوی ہی تیرے نصیب کھولے گی اور تیری لکشمی ہو گی وہ 249249 وہ دل ہی دل میں چہک اٹھے۔ مگر یہاں کون کرے گا مجھ سے شادی یا کون کروائے گا میری شادی۔ ۔ ۔ وہ نہ کسی کو جانتا ہے یہاں اور نہ ہی زبان آتی ہے کہ جان پہچان کا کوئی سلسلہ بن سکے۔ اب دن رات ان کو یہ فکر ستانے لگی جیل کے صحن میں کھلی ہوا میں سانس لیتے ہوئے بھی اب انھیں گھٹن محسوس ہونے لگی تھی۔ِ
کچھ عرصہ بعد انھیں جیل سے ایک ہاسٹل میں منتقل کر دیا گیا۔ جرمنی آئے سات ماہ ہونے کو تھے سوائے ایک افغان مترجم اور ایک دو سکھ پنجابیوں کے انکو اپنا کوئی ہم زبان نہیں مل سکا تھا۔ اب رفتہ رفتہ یہاں کی معمول کی زندگی سے انہیں اکتاہٹ ہونے لگی تھی۔ ایک بار انکی زندگی میں اچانک خوشگوار تبدیلی آئی ان کی ملاقات سلمیٰ سے ہو گئی۔ سلمیٰ کوئی اٹھارہ سالہ دوشیزہ نہیں تھی بلکہ وہ ایک پینتالیس سالہ تجربہ کار عورت تھی۔ جو پاکستان میں آنے والے زلزلے کی تباہی کے بعد سیاسی پناہ کے لئے جرمنی آئی تھی۔ پاکستان میں زلزلے کی تباہی نے تو اس کا گھر بار ختم کر ہی دیا تھا مگر کچھ بے رحم لوگ اس اکیلی عورت کی عزت کے بھی درپے تھے۔ ایک انسان دوست سماجی تنظیم کے کارکن کی مدد سے وہ جرمنی سیاسی پناہ کے لئے آ گئی تھی۔ سلمیٰ سے مل کر مبین خان کی زندگی میں بہار آ گئی تھی۔ ہاسٹل کے عملے سمیت تمام ہی لوگوں نے اس بات کو محسوس کیا تھا کہ یہ دونوں ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں لہٰذا انھوں نے بھی ان دونوں کو ایک نئی زندگی کی شروعات کرنے کے لئے مواقع فراہم کرنا شروع کر دئے۔
مبین خان نے موقع ملتے ہی سلمیٰ سے نکاح کر لیا اور ساتھ ساتھ رہنے لگے۔ مگر بار بار یہ خیال ستاتا تھا کہ وہ اس پینتالیس سالہ پکی عمر کی عور ت کے ساتھ اپنی تیس سالہ جوانی نہیں گذار سکتے۔ ذہنی ہم آہنگی ہونے کے باوجود بھی مبین خان کو اپنی زندگی میں خلا محسوس ہوتا تھا۔ ریستوران میں کام چل رہا تھا اور سیاسی پناہ کا کیس بھی۔ امیدیں کم ہونے کے باوجود سلمیٰ کے ساتھ زندگی دوڑتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی مگر مبین خان اس دوڑ سے اس وقت اکتا گئے جب انہیں کیتھرین ریستوران میں ملی۔
اگرچہ وہ عمر میں سلمیٰ سے چند ہی برس چھوٹی ہو گی مگر جب وہ ٹوٹی پھوٹی ہندی زبان کے گانے گاتی، بے باک اشارے کرتی تو مبین خان کا دل اتھل پتھل ہونے لگتا۔ انھوں نے اب کیتھرین سے اصل اور دستاویزی شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سلمیٰ کو ایک بار پھر اپنی زندگی میں زلزلے کے جھٹکے کھانا پڑے مگر وہ سنبھل گئی۔ زبانی طلاق زبانی نکاح اور زبانی وعدے۔ ۔ ۔ ۔ دل کا حال تو خدا ہی بہتر جانتا ہے۔
مبین خان کو چوتھی بیوی لکشمی کے روپ میں ملے گی جرمنی میں کاغذات پکے ہو جائیں گے زندگی کو ٹھکانہ مل جائے گا۔ میونسپل کارپوریشن نے شادی کی درخواست قبول کر کے دو ہفتے بعد شادی کی تاریخ مقرر کی تھی۔ مبین خان خوشی سے پاگل ہو رہے تھے۔ قسمت کی دیوی ان پہ مہربان تھی۔
دو ہفتے بعد جب وہ اپنے سیاسی پناہ کے ہاسٹل سے رخصت ہو کر کیتھرین کے ایک کمرے کے فلیٹ میں آئے تو ان پہ عقدہ کھلا کہ وہ اپنی چوتھی بیوی کیتھرین کے بارھویں شوہر ہیں مگر قانونی طور پر شاید ساتواں نمبر ہے اور ان کے گاؤں میں ساتواں نمبر بڑا مبارک مانا جاتا تھا۔ کئی وسوسوں کے ساتھ اب ایک نئی امید نے ہاتھ تھام کر انہیں خوابوں کی دنیا میں داخل کر دیا تھا۔
٭٭٭

شاید

افضال خان

’’ کسی سے محبت کرنے کا مطلب یہ تو نہیں ہوتا ہے کہ ہمیشہ اس کے قریب رہا جائے۔ ۔ ۔ بہت سے لوگ قریب ہوتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے محبت نہیں کرتے ‘‘
میری اس بات کے جواب میں وہ انتہائی تلخ لہجے میں بولی ’’یہ صرف تمہارا خیال ہے اور تمہارا خیال اکثر غلط ہوتا ہے ‘‘
’’ایساہوتاہے۔ ۔ ۔ میں نے اکثر دیکھا ہے ‘‘ میں نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی۔
’’تم تو پاگل ہو اور میں پاگلوں سے بحث نہیں کرتی‘‘
حالانکہ وہ گزشتہ دو گھنٹوں سے بحث میں مصروف تھی۔
وہ یہ توسمجھتی تھی کہ میں پاگل ہوں۔ ۔ ۔ کیوں پاگل ہوں ؟۔ ۔ ۔ اس نے کبھی جاننے کی کوشش نہیں کی۔ بحث کرنے والی کو جاننے کی کوشش تو کرنی چاہیے تھی۔ ۔ ۔ میں نے کئی بارسوچا۔ ۔ ۔ لیکن کہہ نہیں سکا۔ ۔ ۔
میں یہ کیوں چاہتا تھا کہ وہ میرے بارے میں جاننے کی کوشش کرے۔ ۔ ۔ میں خودسے یہ سوال آج تک نہ کر پایا۔ ۔ ۔ شاید یہ سوال کرتے ہوئے مجھے اپنے آ پ سے ڈر لگتا تھا۔ یوں بھی اس کی بہت سی عادتیں اور باتیں عجیب تھیں۔ ۔ ۔ وہ مجھ سے محبت کرتی تھی لیکن آج تک اس نے کبھی کہا نہیں تھا۔ ۔ ۔ ۔
شاید میری غلط فہمی ہو۔ ۔ ۔ ۔
اگر وہ مجھ سے محبت کرتی تھی تو نجانے کیوں مجھے ہر میدان اور ہر بات میں ہرانے کی جد و جہد کرتی رہتی تھی۔ اس کا جنون دیکھ کر مجھے لگتا تھا کہ شاید اس نے مجھے ہرانے کی قسم کھا رکھی تھی۔ ۔ ۔ وہ مجھے جب بھی ہرانے کی کوشش کرتی تومیں ہار جاتا، ہارنے کے بعد میں اپنے آپ کو بہت اداس اور ٹوٹا ہوا ظاہر کرتا تا کہ وہ جیت کی خوشی بھرپور طریقے سے انجوائے کرسکے۔ ۔ ۔ مجھے اداس دیکھ کر خوش ہوتی۔ ۔ ۔ جب کافی دیراداس رہتا۔ ۔ ۔ اچانک اس کاسرمیں اپنے کاندھے پرمحسوس کرتا۔ ۔ ۔ وہ اس کا پیار تھا یا معذرت میں نے کبھی جاننے کی کوشش نہیں کی۔ ۔ ۔ وہ میرے کاندھے پرسررکھ کے میری طرف دیکھتی تواس کی آنکھوں کے سمندر میں مد و جزر اٹھ رہے ہوتے۔ ۔ ۔ میں اس سے پوچھتا تو وہ یہی کہتی ہے کہ چاند کو دیکھ کرسمندرمیں مد و جزر پیدا ہونا فطری عمل ہے۔
اس کے آنسومیرے لئے تسکین کا باعث بنتے تھے۔ شایداس کی طرح میں بھی اذیت پسندتھا۔
اس کی ایک اور عادت بھی عجیب تھی کہ جب بھی دوچاردوست بیٹھے ہوتے وہ میری باتوں کو پکڑ کر مجھے مذاق کا نشانہ بنانے کی کوشش کرتی۔ ۔ ۔ ۔ شایداسی وجہ سے میں اس سے دور رہتا تھا۔
میں ہار تو برداشت کرسکتاتھالیکن خود کو تماشا بنتے دیکھنا میرے لئے ممکن نہیں تھا۔ ۔ ۔ اور جب میری تضحیک کی کوشش کرتی تومیں اسے کچھ کہہ بھی نہیں سکتاتھا۔ ۔ ۔ وہ میرے دل میں رہتی تھی۔ ۔ ۔ اور میرا ایمان ہے کہ دل کرائے کا مکان نہیں ہوتا کہ اس میں رہنے والا کوئی ایسی ویسی بات کرے تواسے بے دخلی کانوٹس بھجوا دیا جائے۔ ۔ ۔ میں اسے بے دخلی کانوٹس نہیں بھجوا سکتاتھا۔
وہ گزشتہ چارسال سے اس مکان میں ڈیرے جمائے بیٹھی تھی۔ ۔ ۔ شروع شروع میں تومیں نے اسے نکال کر کنڈی لگانے کی کوشش کی۔ ۔ ۔ لیکن ماں جی کا یہ جملہ میری یادداشت کا حصہ بن چکا ہے کہ ’’گھر آئے دشمن کو بھی زبردستی نکالا نہیں جاتا‘‘۔ ۔ ۔ پھر میں نے یہ کوشش ترک کر دی اور فیصلہ کر لیا کہ وہ ہمیشہ اس دل میں رہے گی۔ ۔ ۔ میں نے مکان کو گھر بنا دیا اور گھراس کے نام کر دیا۔ ۔ ۔ میرے پاس اسے دینے کے لئے اور کچھ بھی نہ تھا۔ جب دل کاگھراس کے نام کر رہا تھا تو میں نے کب سوچاتھاکہ وہ یہ گھر چھوڑ دے گی۔ ۔ ۔ جب اس نے کہا کہ ’’دس تاریخ کو میری شادی ہے ‘‘تو مجھ پرسکتہ طاری ہو گیا۔ ۔ ۔ ۔
میں بول بھی نہ پایا۔ ۔ ۔
اسے کیا کہتا۔ ۔ ۔
نہ کوئی قول نہ قرار۔ ۔ ۔
نہ قسمیں نہ وعدے۔ ۔ ۔
جب سپنے اکھٹے نہ دیکھے ہوں تو تعبیر کی بات کرتے ہوئے اچھا نہیں لگتا۔ ایسی بات کرتے ہوئے انسان معتبر نہیں رہتا۔ ۔ ۔ اور میں غیر معتبر نہیں ہونا چاہتا تھا کیونکہ سپنے تومیں اکیلا دیکھتا رہا تھا۔ ۔ ۔ میر ی آنکھوں نے خواب بُنے تھے تومیں اس کی آنکھوں سے کیاسوال کرتا؟۔ ۔ ۔
’’تم آؤ گے نا‘‘۔ ۔ ۔ وہ ہمیشہ کی طرح بہت محبت سے بول رہی تھی۔ ۔ ۔ لیکن آج اس کے لہجے کی مٹھاس محسوس نہیں ہو رہی تھی۔ ۔ ۔
وہ بول رہی تھی اور میں سوچ رہا تھا کہ زبان وہی ہوتی ہے، الفاظ وہی ہوتے ہیں۔ ۔ ۔ بولنا والا وہی ہوتا ہے۔ ۔ ۔ تو پھر کیوں بات میں وہ پہلے سی بات نہیں ہوتی۔ ۔ ۔ شایدمٹھاس الفاظ، زبان یا لہجے میں نہیں ہوتی۔ ۔ ۔ مٹھاس تو جذبات میں ہوتی ہے۔ ۔ ۔ ۔ جو آج مجھے محسوس نہیں ہو رہی تھی۔
الوداعی لمحات میرے لئے ہمیشہ سے تکلیف دہ رہے ہیں۔ ۔ ۔ اورکسی اپنے کو الوداع کہنا تو میرے لئے ناممکن تھا۔ ۔ ۔ پھر بھی میں شادی ہال پہنچ گیا۔ ۔ ۔ شایداسے آخری بار دیکھنے کے لئے یا پھر آخری بار ہارنے کے لئے۔ ۔ ۔ ۔
جب میں وہاں پہنچا تو مجھے محسوس ہوا کہ اس بار وہ مجھے ہرانا نہیں چاہتی تھی بلکہ دوچاردوستوں کی بجائے پورے شہر کے سامنے مجھے تماشہ بنانا چاہتی تھی۔ وہ اپنی عمرسے دوگنا بڑے شخص کے پہلو میں سمٹی بیٹھی تھی، جب اسے میری آمد کی اطلاع ملی تواس نے بالکل اسی انداز میں میری طرف دیکھاجیسے میں اس سے ہارنے کے بعدمسلسل اداس رہتا تھا تو وہ چند لمحے خوش ہونے کے بعد مجھے دیکھتی تھی۔ ۔ ۔ لیکن اس بار اس کاسرمیرے کاندھے پر نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کے کاندھے پرتھا جو میرے لئے اجنبی تھا۔ ۔ ۔ شایداس کے لئے بھی۔ ۔ ۔ اور مجھے آج بھی یہ محسوس نہ ہوسکاکہ اس کے انداز میں پیار تھا یا معذرت؟۔ ۔ ۔ آج اس کی آنکھوں میں آنسوبھی نہیں تھے سمندرمیں کوئی مد و جزر نہیں تھا، ایک عجیب خاموشی تھی، ایک عجیب سی اداسی تھی، ایسی اداسی میں نے ایک کھلاڑی کی آنکھوں میں دیکھی تھی جس کی ہار میں اس کا کوئی کردار نہیں تھا بلکہ فیصلہ کرنے والے بک گئے تھے۔
٭٭٭

صیقل

فیروز عابد

میں بہت دیر سے ان کے سامنے دو زانوں بیٹھا تھا۔
وہ مراقبے میں تھے۔ خاموشی پورے کمرے میں قفل ڈالے ہوئے تھی۔
اچانک چڑیے کی چوں چوں سے خاموشی لچک لچک کر ٹوٹ گئی اور پھر کرخت لیکن درد سے پُر آواز ابھری کون؟مراقبہ بھی چڑیوں کی چوں چوں سے شاید منقطع ہو گیا تھا۔
تم؟‘‘
جی ہاں میں آج پھر حاضر ہوا ہوں۔۔۔میں نے ان کی آنکھو ں میں جھانک کر کہا۔۔۔میں نے محسوس کیا کی ان کی آنکھوں میں تمنا کا کوئی بھی جال نہیں تھا اور نہ چاہت کی کوئی لکیر تھی۔
ہوں۔۔۔ٹھیک ہے بیٹھو۔۔‘‘
ہاں میں نے کل کیا کہا تھا‘‘۔۔۔قبل اس کے کہ میں کل کے سلسلے کو جوڑنے میں ان کی مدد کرتا انہوں نے خاموش رہنے کا اشارہ کیا اور گویا ہوئے۔
’’ہاں وہ لمبی مسافت طے کر کے آ رہی تھی۔۔۔۔نڈھال تھی۔۔۔۔پریشاں حال تھی۔۔۔۔دوپہر کی کڑی دھوپ کہیں سایہ نہیں آسمان پر ابر کا ایک ٹکڑا نہیں۔۔اس ننگ دھڑنگ راستے میں دور ایک درخت تھا۔۔۔قریب پہنچی، تو دیکھا اُس درخت کے نیچے ایک کتا اپنی زبان نکالے بری طرح ہانپ رہا تھا۔۔۔کمزور و ناتوں۔۔۔اس نے پہلے تو قہر۔۔۔۔۔وہ تھوڑی دیر کے لئے رُکے۔۔۔
کیا کہا۔۔۔۔‘‘ابھی میں نے پوری بات کہی بھی نہ تھی کہ ان کی تھرتھراتی آواز سماعت سے ٹکرائی۔
خاموش۔۔۔۔کوئی سوال نہیں بس سنتا جا اور صیقل کے عمل سے گزرسب سمجھ جائے گا۔۔۔۔۔اس نے کتے کو گود میں اٹھایا اور چل پڑی۔۔۔گھر پہنچ کر اس نے کتے کو گھر کی چوکھٹ کے قریب بٹھایا ، اندر کمرے میں گئی اور پانی سے بھرا گملا لاکر کتے کے سامنے رکھ دیا۔۔۔نقاہت کے باوجود کتا کھڑا ہو گیا اور پانی پینے لگا۔۔۔۔۔۔۔۔لوگوں نے اس کی ہنسی اڑائی، اوباش، بدچلن، آوارہ۔۔۔۔۔وہ خاموش رہی آنسو اس کی آنکھوں سے ٹپ ٹپ گرتے رہے۔۔۔آسمان پر دور بہت دور فرشتوں نے اس کی آنسوؤ ں کو محسوس کیا۔۔۔ عورت نے آنکھیں آسمان کی طرف اٹھائیں۔۔۔۔پتہ نہیں اس نے کیا محسوس کیا سجدے میں گر گئی۔۔۔‘ ‘ سمجھا میں نے کیا سنایا۔۔۔کیا بتایا۔۔۔کیا راہ دکھائی۔۔۔؟‘‘
میں خاموش رہا۔۔۔وہ خاموش رہے۔۔۔۔سناٹا پھر طاری ہونے لگا۔
کیا ہوا۔۔۔۔۔‘‘ کچھ بول ‘‘ ان کی آواز نے سناٹے کو رینگ رینگ کر باہر جانے پر مجبور کیا وہ گویا ہوئے۔۔‘‘ تو سن مگر دماغ اور دل کو وا رکھ، سینے پر ہاتھ رکھ، صیقل کرتا جا۔۔۔۔یہ جو سینہ ہے اس میں بہت کچھ الگ الگ ہے۔۔۔۔سب اہم ہے مگر دل۔۔۔صیقل کر اس دل کا خون اور صاف ہو جائے گا۔۔۔۔گناہ، ثواب، بدنما، خوبصورت، ذائقہ، طہارت، پاکیزگی، غلط اور صحیح سب کا علم ہو جائے گا۔۔۔مگر دھیرے دھیرے۔۔
تو جانتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بہت عبادت گزار، بہت پرہیزگار۔۔۔۔کہیں کوئی داغ دھبا نہیں ،سب کچھ صاف ستھرا اعلیٰ کر دار روزہ پابندی سے۔۔۔شرعی احکامات پر عمل۔۔۔۔نماز ختم کی۔۔۔۔۔سلام پھیرا اور اپنے بغل میں رکھے عصا کو اپنی طرف تاکتی بلی پر دے مارا۔۔۔۔۔بلی لڑکھڑائی گری اور پھر جست لگا کر دیوار کے اس پار چلی گئی عبادت گزار بزرگ نے زمین کو تاکا اور تاکتے چلے گئے فرشتوں نے دیکھا بلی گریہ کناں تھی۔۔ایک پاؤں اٹھائے آسمان کی طرف تک رہی تھی۔۔عبادت گزار پاکیزہ صفت بزرگ کانپنے لگے۔۔۔چلانے لگے جل گیا، بچاؤ،بچاؤ،بچاؤ۔۔۔؟
کیا ہوا ، کیا سمجھا اور کیا نہیں سمجھا۔۔۔دنیا میں جنت اور دنیا ہی میں جہنم۔۔۔ساری عمر کی کمائی۔۔نیکی۔۔؟ ساری عمر کی کمائی۔۔بدی۔۔۔؟ محاسبہ کون کرے گا۔۔۔۔۔میں اور تو دونوں ہی مٹی کے جاندار پتلے۔۔۔۔مگر سینہ اور اس کے اندر دل بس اُسی کو صیقل کرنا ہے۔۔اور یہی نہیں ہو رہا ہے۔۔۔۔۔۔عبادت فرض مگر ساری عبادات سے افضل۔۔۔۔۔‘‘ انہوں نے آنکھیں کھول دیں۔۔۔سکون ان کی آنکھوں میں ایک دبیز چادر کی طرح براجمان تھا۔۔۔۔انہوں نے ذرا سا کندھے کو اچکایا۔۔۔۔‘‘ تو پھر آ گیا۔۔۔۔کیوں آیا؟ تو نے تو شک کی نگاہوں سے مجھے دیکھا تھا۔۔۔۔کیوں آیا تو بول۔۔۔۔۔۔۔؟ ان کی آنکھوں کا سکون تہہ بہ تہہ کم ہوتا جا رہا تھا۔۔۔۔میں حیران تھا یہ اچانک انہیں کیا ہو گیا۔۔۔۔اسی وقت میری پشت سے آواز آئی۔۔۔’’معاف کر دیجیے۔۔۔میں آپ کا گناہ گار ہوں۔۔۔۔مجھ سے غلطی ہوئی، میں نے آپ کو غلط سمجھا۔۔‘‘

میں نے مڑ کر کر دیکھا ایک شخص پالتی مارے ،ہاتھ جوڑے ، سراپا قصوروار بنا بیٹھا تھا۔۔۔۔۔
ہم انتساب میں غلطی کرتے ہیں۔۔۔۔حضرت موسیؑ نے کسی کے جواب میں کہا کہ وہ سب سے زیادہ علم رکھتے ہیں۔۔۔۔اللہ کو یہ بات نا پسند آئی۔۔۔۔۔ان جیسے جلیل القدرہستیوں کا علم بس اتنا ہی تھا جتنا چڑے کی چونچ میں پانی۔۔۔۔۔۔ ہم اور تم ،کیا حیثیت ہے ہماری۔۔۔۔۔‘‘
ہاں ساری عبادات سے افضل فرائض کی ادائیگی۔۔۔دنیاوی فرائض۔۔۔۔۔حقو ق العباد۔۔۔۔تمناؤں کی خاکستری۔۔۔آفتاب سے ذرے تک کے حقوق کو اپنے دل و جان سے زیادہ عزیز رکھنا۔۔خدا واحد ہے۔۔۔اس کا کوئی شریک نہیں۔۔۔آسمان سے زمین کے اندر تہہ در تہہ سب کچھ اُسی کاہے۔۔۔وہ سب جانتا ہے۔۔۔اس کو کسی چیز کی حا جت نہیں۔۔۔یہ عبادتیں اس کا امتحان نہیں بلکہ تیرے اور ہمارے دلوں کو فساد، فسق و فجور اور داخلی ہلاکت سے بچانے کا ذریعہ ہے۔۔۔۔تو، میں اور ہم سب جانتے ہیں۔۔۔۔ہر ذرے میں اُس کا ظہور ہے۔۔۔۔گویا ہر ذرے کا وہ خالق ہے۔۔۔پھر عبادات پر غرور کیوں۔۔۔جھک کے ملنے کے بجائے اکڑ کر چلنا یہ کون سا استعارہ یا اشاریہ ہے۔۔۔عبادات دلوں کے ساتھ نگاہوں میں نرمی اور پاکیزگی لاتا ہے تو پھر ان گنت رنگ کے عبادت گزار کیوں۔۔۔۔ہمارے ہاتھوں انسانیت جاں بلب اور جاندار سراسیمہ کیوں ؟۔۔۔سربراہی صحیح ہے مگر سربراہ کی گفتگو سے کبھی کبھی ایسا لگتا ہے کہ وہ سدرۃالمنتہیٰ تک پہنچنے کا دعویٰ کر رہے ہوں۔۔۔تم سمجھ رہے ہو نہ میری بات میرے دوست ، میرے عزیز، میرے بھائی۔۔۔۔میرے لہجے کی اس نرمی اور گھلاوٹ سے تم حیران ہو نہ۔۔۔۔۔دراصل لفظ اسی طرح اسی نرمیت اور خلوص کے ساتھ یکے بعد دیگرے سماعت سے ٹکرانے سے روح تک شیریں ہو جاتی ہے۔۔۔تم اپنا کام اسی محبت سے کرو۔۔۔۔۔۔۔سمجھے نا؟
حضور ایک بات کہوں۔۔میں نے بہت عاجزی سے پوچھا۔
ضرور پوچھو میرے بھائی اگر میرے علم میں ہو گی تو اس بات پر روشنی ڈالوں گا۔
’’اے لوگوں : تمہارا کام بس یہ ہے کہ تم اپنے حصے کا پودا لگاتے جاؤ۔۔۔۔دیکھنا کے نا موافق فضا میں بھی وہ پودا ایک دن گھنا پیڑ بن جائے گا۔‘‘
میرے اس بیان کو سن کر وہ رونے لگے اور گلو گیر آواز میں کہا۔۔’’ یہ تو نے کیا سنا دیا۔۔شیر خدا، باب العلم حضرت علیؓ نے کیا خوب فرمایا۔۔۔’ناموافق فضا‘ لیکن کام ہر جاندار کی بھلائی کے لئے۔۔۔۔بس یہی کرنا ہے کہ زندگی کی روح اسی میں پوشیدہ ہے۔
اچانک میری پشت سے غصے میں بھری آواز ابھری۔۔’’بس اپنی ہی بکے جا رہے ہو۔۔۔میرے سوال کا جواب تو تم نے اب تک نہیں دیا۔۔۔میں نے اپنے پیچھے بیٹھے آدمی کی طرف مڑ کر دیکھنا مناسب نہیں سمجھا۔
میں جا رہا ہوں۔۔۔تم اپنی بگھارتے رہو۔۔کہیں اور سے لے لوں گا تعویذ۔۔۔‘‘وہ پاؤں پٹکتا کمرے سے باہر نکل گیا۔
میں نے مڑ کر دیکھا اس کی تیز قدموں میں تھکاوٹ تھی۔۔۔میں اُسے دیکھتا رہا یہاں تک کہ وہ مکانوں کے درمیاں تحلیل ہو گیا۔
بہت دیر تک وہ خاموش خاموش بیٹھے رہے۔۔۔میں بھی چپ چپ سناٹے کو حکمرانی کرتے محسوس کرتا رہا۔
اچانک پھر سناٹے پر ضر ب پڑی۔’تعویذ۔۔۔گنڈا۔۔سیدھا راستہ۔۔صراط مستقیم۔۔۔کون صحیح۔۔۔کون غلط۔۔۔ان گنت فرقے۔۔۔۔لا تعداد گروہ۔۔۔۔مذہب ایک۔۔۔ کیا ہو گا ہمارا؟
بہت دور سے اذاں کی آواز آنے لگی۔۔وہ خاموش ہو گئے۔۔اذاں ختم ہو گئی اور وہ خاموش خاموش بیٹھے رہے اچانک سر اٹھایا اور کہا۔۔’’جاؤ عصر کی اذاں ہو گئی۔۔۔مسجد یہاں سے دور ہے۔۔‘‘
عصر کی نماز کے بعد میں پھر ان کے کمرے میں داخل ہوا وہ سر جھکائے دوسری طرف منہ کئے بیٹھے تھے انہوں میری آہٹ پر اپنا چہرہ گھمایا اور بہت آہستگی سے کہا مغرب پڑھ کر ہی آتے۔۔۔۔‘‘
جی میں نے نماز نہیں پڑھی صرف جمعہ کی پڑھتا ہوں۔‘‘
تم سے سب خوش ہیں۔۔۔؟ کوئی تناؤ۔۔۔۔؟ کوئی بھید بھاؤ؟ کوئی فرقہ یا پھر۔۔۔۔۔۔۔‘‘
سب کو خوش کون رکھ سکتا ہے۔۔۔۔۔‘‘
صحیح۔۔۔مگر جیسا کہ تم نے کہا ،ناموافق فضا میں پودا لگانا۔۔۔۔وہ تو کر رہے۔۔ہونا۔۔؟
شکایت کا موقع نہیں دیتا مگر کبھی کبھی غصے پر قابو بھی نہیں رہتا۔۔۔۔‘‘
غصہ۔۔۔۔
مغرب کی اذاں ہو رہی تھی۔۔۔آواز بہت دھیمی تھی۔۔وہ پھر خاموش ہو گئے اور میں ان کے کمرے سے باہر نکل آیا۔
گلیوں سے گزرتا شاہراہ پر آ گیا مسجد بہت دور تھی زندگی اسی طرح دوڑ بھاگ رہی تھی۔۔سڑک ہنگاموں کی جائے پناہ بنی ہوئی تھی۔۔ہر شخص ایک دوسرے سے بے نیاز تھا۔۔۔۔ہر چیز ہوا کے دوش پر اڑ رہی تھی سب الگ الگ مگر سب گتھے ہوئے اور گڈمڈ، پھر اس سے آگے میری سوچ جلنے لگی۔۔۔۔۔۔
میں چلتا رہا۔۔ایک فریم ساز کی دکان پر فریموں کو دیکھنے لگا۔۔۔فریم شدہ بہت ساری تصویریں ایک فریم کے اندر شاعر اقبالؔ کنپٹی پر انگلیاں رکھے سوچ رہے تھے۔۔۔نیچے یہ اشعار تھے

اقبالؔ کو پڑھا ہے بہت پڑھا ہے مگر ان سارے فریموں کے اندر جو کچھ ہے اس کے درمیان اس فریم کی تحریر پھر پڑھی تو بہت سارے باب روشن ہو گئے۔۔۔
واپس پلٹا اور گلیوں سے گزرتا ان کے کمرے تک آیا کچھ لوگ دروازے پر جمع تھے کچھ اندر کمرے میں تھے ، ان میں وہ شخص بھی تھا جو تعویذ لینے آیا تھا اور غصے میں واپس چلا گیا تھا۔۔سبھی حیران تھے۔۔سبھوں کے چہروں پر ایک عجیب خاموشی طاری تھی۔۔۔۔
وہ سجدے کی حالت میں تھے۔۔۔
میں نے پوچھا کیا ہوا۔۔۔۔لوگوں نے کہا ان سے پوچھیے۔۔۔۔اشارہ اُسی شخص کی طرف تھا۔جب حضرت چیخ رہے تھے اور رو رہے تھے تو یہی صاحب اکیلے ان کے کمرے میں تھے۔۔
کیا ہوا تھا بھائی۔۔‘‘ میں نے پوچھا
اُس شخص نے ڈرتے ڈرتے کہا میں کیا بتاؤں۔۔۔
میں نے تو صرف اتنا کہا کہ مجھے معاف کر دیجیے۔۔۔میں غلط تھا۔۔۔اور آپ نے جو کچھ کہا تھا وہ سچ تھا۔۔۔۔۔
مغرب کی نماز پڑھ کر وہ آنکھیں بند کئے کچھ سوچ رہے تھے۔۔۔۔میں نے جونہی اپنی بات کہی پہلے تو انہوں نے حیرانگی سے مجھے دیکھا اور پھر اپنی دونوں مٹھیاں کس لیں اور سینے پر زور زور سے مارنے لگے۔۔صیقل۔۔صیقل۔۔صیقل۔۔۔ابھی بھی اسے صیقل کی ضرورت ہے۔۔خدا مجھے معاف کر دے۔۔۔مرے وجود کا داخلی حصہ اب تک صیقل ہوا ہی نہیں تو پھر یہ وَعظ و نصیحت کیسی۔۔خدا مجھے معاف کر دے۔۔معاف کر دے۔۔روتے روتے سجدے میں گر گئے۔۔
سب خاموش تھے۔۔۔میں آہستہ آہستہ ان کے قریب گیا۔۔میں نے انہیں دھیرے دھیرے آواز دی۔۔وہ اسی حالت میں رہے۔۔۔۔میں نے ہمت کر کے بس ہلکے سے ان کے سر کو جنبش دی، وہ داہنی طرف لڑھک گئے۔۔۔۔دونوں مٹھیاں اسی طرح ان کے سینے پر تھیں۔۔۔۔ہونٹ اسی طرح ایک دوسرے سے الگ تھے۔۔۔۔جیسے کہہ رہے ہوں۔۔۔صیقل۔۔صیقل۔۔صیقل۔۔۔۔اور آنکھیں کھلی ہوئی تھیں۔۔۔۔روح آنکھوں سے نکل کر دور فضا میں گم ہو گئی تھی۔۔۔
شاید انہوں نے صیقل کے سارے مراحل طے کر لیے تھے۔۔۔۔۔۔!!!
٭٭٭

دور اندیشی

مرزا امجد بیگ

وہ خوشی سے پاگل ہوا پھر رہا تھا، صبح سے ہی اس نے صفائی کرنی شروع کی تھی فرنیچر کی سیٹنگ تبدیل کی کارپٹ کو شیمپو کیا درجنوں رنگین غبارے دروازے کھڑکیوں اور دیواروں پر لٹکے رفیق کی طرح جھوم رہے تھے، کھلے جا رہے تھے، سارا گھر دلہن کی طرح سجا آنے والے ایک نئے مہمان کے لئے باہیں پھیلائے مستی میں جھوم رہا تھا۔
کتنا طویل انتظار کیا تھا اسنے ان مسرت آمیز لمحات کا۔ ۔ ۔ جسم کا جوڑ جوڑ تھکاوٹ سے درد کرنے لگا تھا، وہ صوفے پر بیٹھ کر ہا نپنے لگا، اس نے اپنے پیٹ پر ہاتھ پھیرا جو لٹک کر اس کی گود میں پھیل گیا تھا اور حسرت سے ٹھنڈی آہ بھری۔ ابھی اس کی عمر ہی کتنی ہے تیس سال۔ ۔ اور جسم ہے کہ اپنی عمر سے دس گنا زیادہ پھیل کر زمین کا بوجھ بن گیا، گھنٹہ بھر بھی تو اس کے پاؤں اس پہاڑ جیسے جسم کا وزن نہیں سہار سکتے اور وہ کہیں نہ کہیں تھپ کر کے بیٹھ جاتا ہے۔
نسیم کو کتنی چڑ تھی اس کے بڑھتے ہوئے موٹاپے کی، ہر روز ہی اس موضوع پر تُو تُو میں میں ہوتی ان میں، تم کھانا کم کر دو، ورزش کیا کرو، جوگنگ کیا کرو سوئمنگ کیا کرو، یہ کیا کرو وہ کیا کرو۔ ۔ ۔ ۔ بس اٹھتے بیٹھتے اس کی ایک ہی رٹ ہوتی۔ ۔ ۔ پہلے پہلے تو وہ ہنس کر اسے تسلی آمیز جواب دیتا، مگر کب تک۔ ۔ ۔ کام سے آتے ہی ابھی کپڑے بھی نہ بدلتا تو وہ ناگن کی طرح پھن اُٹھائے کمرے میں آ جاتی۔
’’کپڑے مت بدلو رفیق ! کچھ تو سوچواپنی صحت کا بس کام سے آتے ہی شلوار قمیض پہنی اور تین چار چپاتیاں کھا ٹی وی کے آگے ’’سی سلگ ‘‘ کی طرح توند پھیلا لیٹ جاؤ اور رات بارہ بجے اُٹھکربسترے میں گھس جاؤ‘۔ ‘
وہ ماتھے پر بل ڈال کر سانپ کی طرح سسکارتی۔
’’اوئے یار ! ‘‘وہ اپنے کندھے لٹکا کر وہیں رک جاتا اور بڑی مسکین نظروں سے اسے دیکھتا اور پھر اپنے ہونٹ بھینچ کر ایک لمبی سی سانس لیتا اور تھکی ہوئی آواز میں کہتا۔
’’تو ہی بتا میں کیا کروں۔ ۔ ۔ آٹھ گھنٹے تھکا دینے والا کام کر کے آیا ہوں اور اب تیری مرضی ہے کہ میں باہر سردی میں جا کر ورزش کروں یا سڑک پر دوڑ لگانا شروع کروں۔ ۔ ۔ ۔ خدا کا کچھ خوف کرو نسیم اس طرح یہ چربی نہیں پگھلے گی، میرا ہارٹ فیل ہو جائے گا ایک دن۔ ۔ ‘‘
’’اچھا ہے۔ ۔ ۔ جان چھوٹ جائے گی ‘‘ وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑاتی مگر رفیق کو سنا جاتی۔
سات سال اسی بک بک جھک جھک میں گذر گئے۔ ۔ شادی کے بعد اور بھی بہت سی امیدیں ہوتی ہیں مگر۔ ۔ ۔ ہر امید جسم پر دن بدن بڑھتی ہوئی چربی اور گوشت میں دبتی گئی اور دونوں میں بڑھتی ہوئی دراڑ ایک کھائی بنکر انہیں ہمیشہ کے لئے الگ کر گئی۔
رشتہ داروں کی سرگوشیاں بلند آواز بن گئیں اور ایک شور سا مچ گیا ایک طرف والے الزام دیتے۔
’’او جی منڈا ہی بس۔ ۔ ہے۔ یہ بڑھتا ہوا موٹاپا ایسی بیماروں کا موجب بنتا ہے۔ ۔ جن کا علاج تو لقمان حکیم کے پاس بھی نہ تھا، بے چاری لڑکی کیا کرے۔ آخر وہ بھی انسان ہے جذبات رکھتی ہے۔ ‘‘
دوسری طرف سے جواب ملتا۔
’’ لو ! لڑکا اچھا بھلا صحت مند تندرست ہٹا کٹا۔ ۔ لڑکی ہی میں کچھ نقص ہے۔ ۔ ۔ جوان لڑکے موٹے تازے تو ہوتے ہی ہیں۔ ۔ ۔ ۔ کھانے پینے کی عمر ہے۔ ۔ ۔ ۔ اگلے سال تک ہم اسے دوسری شادی کرا دیں گے، پھر دیکھنا کیسے موٹے تازے بچوں کا ڈھیر لگ جائے گا۔ ۔ ۔ ‘‘
نسیم چند ماہ اپنے بھائی کے گھر رہی اور پھر واپس پاکستان چلی گئی۔ چند ماہ بعد طلاق ہو گئی
ایک سال تک رفیق نے خوب جان مار کر کام کیا روز چار چھ گھنٹے اوور ٹائم کرتا اور ڈھیر سای رقم جمع کی، گاؤں کے دوست، رشتہ دار بے شمار تھے سب منع کرتے۔
’’اوئے ! بیوی کو مار بھگایا ہے اب تو کس کے لئے یہ جان مار رہا ہے۔ ۔ یہ چربی تو کم ہونے سے رہی !۔ ‘‘
وہ ہولے سے مسکرا دیتا اور اپنی عادت کے مطابق بڑی نرمی سے جواب دیتا۔
’’بھائی! اللہ بڑا کارساز ہے وہ میرے صبر کا پھل ضرور دے گا۔ ۔ اس کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ ‘‘
رفیق کے گاؤں کے ایک چودھری صاحب اپنے بیٹے کی شادی گاؤں کے ایک غریب زمیندار کی بیٹی سے کر ا کر لائے تھے، کیونکہ ان کے بیٹے کی بہت سی داستانیں یہاں سے پاکستان تک پھیلی ہوئی تھیں اور یہاں اور وہاں سے کوئی بھی ان کے خاندان سے ا نہیں لڑکی دینے پر رضامند نہ تھا۔ ۔
پیسے نے غریب کی مجبوریوں کو خرید لیا، اور یہ جانتے ہوئے بھی کہ لڑکا شراب جوئے کا عادی ہی نہیں گوریوں کے چکر میں بھی باپ کا ایک مکان بیچ چکا ہے۔ مگر مجبور باپ نے اپنی بڑی لڑکی کی شادی اس سے کر دی کہ ایک کے فرض سے تو سبکدوش ہو جائے ابھی تین اور بھی تو اپنی باری کا انتظار کر رہی تھیں اور پھر اگر یہ کچھ عقلمند ہوئی تو وہاں سے اپنی بہنوں کے لئے کچھ کر سکے گی۔ ۔ ۔ مگر یہاں آ کر فریدہ کے شرابی خاوند نے ہر رات نشے میں ڈوب کر اس کی مار پیٹ شروع کر دی بات بات پر وہ اسے دھکے مار دروازے سے باہر نکال دیتا اور بھکاری کی بیٹی اور نہ جانے کیا کیا ہتک آمیز گالیاں دیتا۔
ایک صبح رفیق کام سے آرہا تھا گلی میں گذرتے ہوئے وہ اسے اپنے دروازے کے باہر سردی میں کانپتے ہوئے ملی۔ اسے علم تھا کہ اس کا خاوند اس کے ساتھ کیا برتاؤ کرتا ہے۔ چھوٹے سے شہر میں میں آس پاس کی گلیوں میں رہنے والے ہندوستانی پاکستانی ایک دوسرے کے گھریلو حالات سے اچھی طرح واقف تھے اور یہ تو تھے بھی ایک ہی گاؤں کے رہنے والے۔ رفیق نے جھجکتے ہوئے اسے بلایا تو وہ بلک بلک کر رونے لگی، اسے بہت دکھ ہوا کہ وہ کئی گھنٹوں سے باہر سردی میں بیٹھی تھی، رفیق نے دروازہ کھٹکھٹایا اور اس کے خاوند کو آوازیں دیں بہت دیر بعد اس شرابی نے جھومتے ہوئے کھڑکی کھول کر نیچے جھانکا اور گندی سی گالی دے کر کہا۔
’’ارے لے جاؤ تم اسے اپنے گھر اور رکھ لواسے۔ ۔ میرے باپ نے زبردستی یہ بلا میرے گلے ڈال دی تھی۔ ۔ ۔ تنگ آ گیا ہوں اس کی بک بک سے میں۔ ۔ ۔ ‘‘ اور کھڑکی بند کر دی
رفیق نے فریدہ کو دیکھا وہ سر جھکائے رو رہی تھی۔
’’غریب باپ کی بیٹی ہوں نا۔ ۔ ۔ اور کوئی ہمدرد، کوئی اپنا نہیں ہے میرا اس ملک میں۔ ۔ ۔ اسی لئے یہ کمینہ شرابی روز مار کر باہر نکال دیتا ہے۔ ۔ ۔ ‘‘
’’فکر نہ کرو۔ ۔ ۔ فریدہ۔ ۔ ۔ اب ایسا نہ ہو گا۔ ‘‘
رفیق کے اندر کا مرد جاگ اٹھا، اور وہ اسے اپنے ساتھ گھر لے گیا پولیس بلائی انہیں سب کچھ بتایا۔
سوشل ورکر آئے، وکیل تک بات پہنچی۔ ۔ اور چند ماہ بعد فریدہ نے طلاق لے لی اور رفیق نے ااس سے نکاح کر لیا۔ ۔ ۔ ۔
گھر میں ہمیشہ ایک دو کرایہ دار ہونے کے باوجود بھی گھر خالی، ویران تھا۔ ۔ ۔ لہذا رفیق کا خالی گھر پھر سے آباد ہو گیا دونوں ایک دوسرے کے ضرورت مند تھے سال بہت اچھا گذرا۔ ۔ ۔ ۔
مگر پھر رفیق میں چھپے ناکام مرد نے اپنے آپ کو منوانے کے لئے تگ و دو شروع کر دی، اور مرد معاشرے کے عام مرد کی طرح اولاد نہ ہونے کی پاداش میں عورت کو قصوروار ٹھہرانا شروع کر دیا۔ اس نے دونوں ہاتھوں سے سر تھام کر اپنے آپ کو صوفے پر گرا دیا اور روتا ہوا بولا۔
’’ میرے نصیب ہی ایسے ہیں جو عورت بھی میری زندگی میں آئی بنجر زمین کی طرح سوکھا پن ہی لائی ‘‘۔
نہیں۔ ۔ ۔ ۔ محمد رفیق۔ اب۔ ۔ ایسا نہیں ہو گا۔ ۔
فریدہ نے اس کا سر اپنی گود میں رکھ لیا اور اس کے بالوں میں انگلیاں پھیرتے ہوئے فیصلہ کن انداز میں سوچا۔ ۔ ۔ ۔
اس کے بیڈ روم کا دروازہ کسی نے کھٹکھٹایا۔ ایک پرانا دوست جو کئی سال سے اس کا کرایہ دار تھا باہر کھڑا تھا۔
’’رفیق میں گاڑی لے آیا ہوں، چلیں ہسپتال فریدہ کو لے آئیں۔ ۔ ۔ ‘‘
فریدہ اپنی پیاری سی بچی کے ساتھ گھر میں کیا آئی آسمان سے پری اتر آئی رفیق پاگل ہوا پھرتا، محلے گلیوں میں تمام ایشیائی گھروں میں لڈوؤں کے ڈبے بانٹے۔ کام سے لمبی چھٹی لے لی اور سارا دن اپنی سفید گلابی رنگ کی خوبصورت بیٹی کو اٹھائے گھر میں گھومتا پھرتا۔
’’اوئے دیکھو یارو! اللہ نے آخر میری سن لی نا۔ ۔ میں کہتا تھا نا اس کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ ۔ دیر سے دی مگر دیکھو تو۔ ۔ ۔ کتنی حسین ہے میری بیٹی۔ ۔ پھول کی طرح۔ ۔ ۔ چاند کی طرح۔ ۔ ‘‘
اس کا لحیم شحیم جسم تھل تھل کرتا جب خوشی سے اس کے قہقہے کمر ے میں گونجتے اور اس کا چہرہ خون کی حدّت سے انار ہو جاتا۔ ۔ ۔ ۔ وہی فریدہ اب اسے ہری بھری ترو تازہ لگنے لگی جو کچھ عرصہ پہلے بنجر زمین کی طرح تڑکتی پھٹتی نظر آنے لگی تھی۔ ۔ بچی کے آنے سے رفیق کی بے رونق زندگی میں بہاریں لوٹ آئیں، اور دونوں میاں بیوی ایک دوسرے کی محبت میں دیوانے ہو گئے۔ ۔ ۔
چند ماہ بعد گاؤں کے ایک دور کے رشتہ دار کی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لئے بیٹی کو پرام میں ڈالے دونوں میاں بیوی شادی ہال میں گئے تو رفیق کی نظر نسیم پر پڑی۔ ۔ ۔ ایک چھناکا سا ہوا اور وہ سر سے پاؤں تک کانپ سا گیا۔ نہ جانے کیوں اس کا سانس پھولنے لگا اور وہ منہ پھیر کر پرام پر جھک کر اپنی بیٹی سے کھیلنے لگا۔ فریدہ نے بھی نسیم کو دیکھ لیا تھا اور وہ رفیق کو بتانے لگی۔
’’ دیکھو وہ نسیم اپنے دوسرے خاوند اور اس کے دو بچوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ مجھے کسی نے بتایا تھا کہ اس کے باپ نے اس کی شادی گوجر خان کے ایک ڈاکٹر کے ساتھ کر دی ہے جس کی بیوی دو بچے چھوڑ کے کینسر سے مر گئی تھی۔ دیکھو تو ڈاکٹر اتنا بوڑھا تو نہیں لگتا۔ ۔ میں تو سمجھی تھی کہ وہ کافی عمر رسیدہ ہو گا۔ ۔ ۔ ‘‘
دونوں عورتوں کی نظریں آپس میں ملیں، ہلکی سی انجانی مسکراہٹ لبوں پر آئی اور نسیم نے خاوند کو کچھ کہا اور آہستہ آہستہ چلتی فریدہ کی طرف آ گئی
’’ارے واہ مبارک ہو فریدہ۔ ۔ ۔ ماشاء اللہ کتنی پیاری خوبصورت بیٹی پیدا کی تم نے۔ ۔ ‘‘ رفیق بہانے سے کسی ملنے والے سے باتیں کرنے لگا
’’اللہ کی دین ہے ‘‘ فریدہ کی زبان لڑکھڑا رہی تھی
’’ہاں فریدہ دین تو اللہ ہی کی ہوتی ہے !‘‘ اس نے فریدہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا
’’تم بہت دور اندیش اور سیانی عورت ہو۔ اپنے تحفظ کے لئے جو کچھ تم نے کیا۔ ۔ ۔ وہ میں نہ کر سکی تھی۔ ۔ ‘‘
٭٭٭

بیمار روح

تانیہ رحمان

چودھری بشیر کی سمجھ میں کچھ نہیں آریا تھا کہ وہ کیا کرے کہاں جائے۔ کہاں اس کو روح کا سکون نصیب ہو گا۔ پچھلے کئی ماہ سے وہ اسی طرح دریا کے کنارے بیٹھا سوچتا رہتا تھا۔ کبھی دل کرتا دریا میں چھلانگ لگا کر اس عذاب سے چھٹکارہ پا لے۔ اگلے ہی لمحے اس کو یہ لگتا کہ موت بھی نہ آئی تو۔ پہلے اتنے گناہ کر چکا ہوں اب حرام موت نہیں نہیں۔ جس طرح دریا خاموش تھا۔ ویسی ہی خاموشی وہ اپنے اندر چاہتا تھا۔ لیکن اس کے اندر تو سمندر والا شور تھا۔ جو اپنے اندر سب کچھ ہضم کر کے بھی بھوکا پیاسا رہتا ہے، اس کے دل و دماغ میں عجیب قسم کی کشمش تھی۔ اس کو یوں لگتا جیسے اس کے جسم میں خون نہیں لاوا دوڑ رہا ہے۔ اور کسی وقت بھی یہ آتش فشاں پھٹ جائے گا۔ لاوا بہہ نکلے گا لیکن ایسا نہیں ہو رہا تھا۔ وہ بھی طوفان سے پہلے آنے والی صورتحال سے گزر رہا تھا۔ جب چہار سو خاموشی ہوتی ہے آسمان کا رنگ سرخ ہو جاتا ہے۔ ۔ سیانے کہتے ہیں۔ کوئی آفت آنے والی ہے۔ بس آفت آنے والی ہے۔ یہ ایک ڈر چودھری کو کھائے جا رہا تھا۔ ۔ سرکار چلیں بہت دیر ہو چکی۔ اب تو سورج بھی ڈوبنے والا ہے، ، ہاں رحمتاں بہت دیر ہو گئی ہے۔ چودھری بشیر ہر دفعہ اپنے ڈرائیور کو یہی جواب دیتا۔ اور پھر خاموشی کے ساتھ گھر کے راستے چل پڑتا۔ سرکار کھانا تیار ہے۔
ملازم آ کر پوچھتا۔ نہیں آج جی نہیں کر رہا۔ وہ ابھی بھی ایسی ہی صورتحال سے گرز رہا تھا۔ اتنی بیماریوں کا علاج دریافت ہو چکا۔ لیکن میری بیماری کا علاج کسی ڈاکٹر حکیم کے پاس نہیں ہے۔ جب بھی کسی ڈاکٹر یا حکیم کے پاس جاتا ہوں۔ تو بڑی آسانی کے ساتھ کہہ دیتے ہیں چودھری جی کچھ نہیں ہوا، ٹھیک ٹھاک ہو۔ آج بھی سو جوانوں سے طاقت ور۔ ۔ پہلے جب کوئی چودھری سے یہ بات کہتا تو فخر سے چودھری کی پگ آسمان کو چھونے لگتی۔ اس کے اندر ایک عجیب سی ہل چل مچ جاتی۔ لیکن وہ سب کچھ اب محسوس نہیں ہوتا۔ میں کیا جی چودھری صاحب۔ جاؤ عیش کرو۔ بے کار میں روگ لگا لیا۔ کہتے تو وہ سچ ہیں۔ روگ تو لگ چکا لیکن بےکار کا نہیں۔ ایک دن چودھری کے اپنے دوست قیوم نے پوچھا۔ یار بشیر کیا ہو گیا ہے تم کو نانا دادا بنے ہوئے ہو بچوں کی شادی ہو گئی۔ اپنے بچوں کے بچوں کے ساتھ مصروف رہا کرو۔ یہ کیا اول فول بک رہے ہو۔ نہیں تم نہیں سمجہو گے قیوم یہ میرے اور میری روح کی جنگ ہے۔ قومیا جسم بیمار ہو تو اس کا علاج ہو جاتا ہے لیکن اگر روح بیمار ہو جائے تو کیا علاج ہے اس کا۔ بتا ہے تیرے پاس کوئی علاج۔ لگتا ہے کوئی مولوی جن آ گیا ہے تم پر قیوم چڑ کر جانے کی دھمکی دیتا اب تو گاؤں والوں کو بھی یقین ہو چلا تھا کہ کوئی جن یا چڑیل چودھری پر عاشق ہو گئی ہے۔ یہ وہی چودھری جس کو دیکھ کر ڈر کے مارے لوگ اپنے گھروں کے دروازے بند کر لیا کرتے تھے۔ جس کی ہیبت آس پاس کے گاؤں میں بھی مشہور تھی۔ لڑکیاں اپنا راستہ بدل لیتی تھی، کہ کہیں کوئی لڑکی چودھری کو پسند آ گئی تو وہ لڑکی یا تو پیسے لے کر یا پھر اس کے گھر والے لاش لے کر گھر کو لوٹیں گے۔ ایک دفعہ چھوٹی چودھرانی اپنی سہیلیوں کے ساتھ جا رہی تھی۔ کہ پاس کے گاؤں کے کچھ چھوکرے ان لڑکیوں کو دیکھ کر مذاق کا سوچنے لگے۔ ان میں گاؤں کے چودھری کا بیٹا جو نیا نیا شہر سے آیا تھا۔ اپنے آپ کو کسی ہیرو سے کم نہیں سمجھتا تھا۔ چل ہاشم چودھری کی بیٹی کو چھیڑ کے دکھا۔ یہ کون سی بڑی بات ہے۔ شہر میں تو یہ روز کا معمول تھا۔ میں کیا سونھٹرے، کتنی خوبصورت آنکھیں ہیں۔ بالکل ہرنی ورگی، وے چل جا مینوں جاند دا نئی۔ چودھری بشیر کی بیٹی ہوں۔ چھوٹی چودھرانی کا اتنا ہی کہنا تھا، کہ وہ لڑکے قہقہہ لگاتے ہوئے چلتے بنے۔ گھر آ کر چودھرانی نے وہ واویلا مچایا۔ کہ ابا دیکھ مجھے کہتا ہے میری آنکھیں ہرنی جیسی ہیں جب کہ وہ جانتا تھا، کہ میری دونوں آنکھیں پھری ہوئی ہیں اس نے میرا مذاق اڑایا ہے۔ چودھری کو یک دم طیش آ گیا، ملازموں کو آواز لگائی۔ کہ جاؤ ہاشم کے باپ سے کہو دن کے اندر بارات لے کر آئے۔ ورنہ وہ جانتا ہے۔ کہ چودھری بشیر کسی کو معاف نہیں کرتا ابھی ملازم واپس آئے ہی تھے کہ پیچھے ہاشم کا باپ اپنے کچھ آدمیوں کے ساتھ ہانپتا کانپتا معافی مانگنے آ گیا۔
وہ چودھری جی بچہ ہے غلطی ہو گئی معاف کر دیں۔ میں نے بہت سمجھایا ہے لیکن اب وہ واپس گاؤں نہیں آئے گا۔ ہاشم کو تو ہم لے کر آئیں گے کسی بھی پاتال سے نکالنا پڑئے۔ اور وہی ہوا، اگلے دن ہاشم کی لاش گاؤں لائی گئی۔ چودھری اپنی دنیا میں مست بڑے بڑے لوگوں سے یاری دوستی تھی۔ اس لیے ہر ڈر ہر خوف سے آزاد گاؤں والوں کو خوش کرنے کے لیے ہر سال گندم کی بوریاں بھیج دیتا، جب پیسہ بولتا ہو تو سب گونگے اور بہرے ہو جاتے ہیں۔ رحمتاں۔ چودھری اپنی مونچھوں پر ہاتھ پھیرتے ہوئے سینہ پھیلا کر بڑے فخر سے کہتا۔ سرکار رات کافی ہو چلی ہے سو جاؤ۔ ۔ نہیں رحمتاں۔ اب تو لگتا ہے۔ موت ہی میری مجھے سکون دے گی۔ لیکن کیا پتا قبر میں بھی سکون ملتا ہے کہ نہیں۔ رحمتاں پلنگ کے ساتھ لگا ہی سو گیا۔ رات کی تاریکی میں کہیں دور سے کتوں کی بھونکنے کی آوازیں آ جاتی تھی۔ چودھری بشیر اپنے ساتھ باتیں کر رہا تھا۔ میرا خیال ہے میرا علاج کسی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھنے سے ہو گا۔ ۔ گاؤں والے صحیح کہتے ہیں کہ چودھری جی کسی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھاؤ وہاں جو داتا ہے وہ آپ کے لیے دعا کرے گا آپ کا علاج بس زیارت والے کے پاس ہے۔ ہاں میں کل ہی زیارت پر جاؤں گا۔ اب چودھری کو اپنا من تھوڑا ہلکا لگنے لگا۔ کب آنکھ لگی کچھ پتا نہیں۔ پہلا کام زیارت پر جانے کا کیا۔ لیکن سرکار یہ کام ایک دن میں نہیں ہو سکتا۔ کافی دور ہے زیارت اپنے گاؤں سے۔ تو کیا ہوا۔ ایک رات وہاں رہ جائیں گے۔ بس تیاری کرو۔ جانے کی اور تانگہ تیار کروا۔ شہر کی جانب تانگہ رواں دواں تھا۔ چودھری رحمتاں قیوم ساتھ تھے۔ پھولوں کی چادر زیارت میں مل جاتی ہے نا۔ جی چودھری جی۔ شہر پہنچے تو شام ہو چکی تھی۔ زیارت میں شام کے وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے میلہ لگا ہے۔ خوب دوکانیں سجا رکھی تھی۔ پھولوں سے لے کر کھانے پینے کی ہر چیز موجود تھی۔ چودھری کو پہلے تو بڑی حیرت ہوئی کہ کوئی سلام ہی نہیں کر رہا اور نہ ہی کوئی ہاتھ جوڑے کھڑا ہے ہر کوئی آوازیں لگانے میں مصروف ہے۔ جلیبی والا گرم جلیبی کی تعریف کر رہا ہے تو پکوڑے والا اپنے پکوڑے کی۔ ہاں اتنا ضرور تھا کہ ہر کوئی چاہ رہا تھا کہ گاہک اسی طرف آئے۔ چودھری کو وہ وقت یاد آ گیا جب کوٹھے پر پہلی بار آیا تھا تو کیسے راستے میں کھڑی ہر لڑکی نا زیبا اشارے کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کرتی چودھری کا بس نہیں چلتا تھا کہ سب کے پاس چلا جائے۔ لیکن یہاں وہ سب کچھ نہیں تھا۔ انداز تھوڑا الگ اور سامان مختلف جی صاحب کیا چاہے۔ پھولوں کی چارد۔ چاہئے مزار شریف کے لیے۔ کتنی بڑی بنا دوں صاحب۔ ویسے صاحب ایک بات کہوں جتنی بڑی چادر ہو گی دعا بھی اتنی جلدی قبول ہو گی۔ ۔ سچ ہاں صاحب۔ پہلی بار چودھری کے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ آئی، تو ٹھیک ہے۔ بنا دو جتنی بنا سکتے ہو۔ پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد اگلے روز واپسی ہوئی۔ گھر آ کر ایک دو دن کچھ آرام رہا ایک دن بڑی چودھرانی نے چودھری بشیر سے کہا۔ چودھری جی میں نے زندگی کا لمبا عرصہ آپ کے ساتھ گزارا۔ کبھی کوئی شکایت نہیں کی۔ جیسا رکھا رہتی رہی۔ آپ دوسری عورتوں کے پاس جاتے۔ کلیجہ کٹ کر رہ جاتا۔ لیکن آج ایک عرضی آپ کی خدمت میں پیش کرتی ہوں اب آپ پوتے نواسوں والے ہیں۔ اب تو یہ سب کچھ چھوڑ دیں گاؤں والے باتیں کرتے ہیں۔ بس اتنا کہنا تھا۔ کہ چودھری کے دونوں ہاتھوں میں چودھرانی کی گردن تھی۔ آنکھیں باہر کو نکلی ہوئی تھیں اس کے گلے سے عجیب آوازیں آ رہی تھیں۔ چند لمحوں بعد چودھری نے رحمتاں کو آواز لگائی۔ وہ دوڑتا ہوا آیا۔ ارے سرکار یہ کیا ہو گیا۔ بہت بک بک کرنے لگی تھی۔ جاڑے کی رات تھی۔ گاؤں والے تقریباًسو رہے تھے۔ کہیں کہیں کتے کے بھونکنے کی آوازیں آ رہی تھی۔ کہ اچانک پتہ چلا بڑی چودھرانی کو دل کا دورہ پڑا اور وہ چل بسی۔ گاؤں میں آگ کی طرح یہ خبر پھیل گئی۔ جتنے منہ اتنی باتیں۔ کوئی کہتا کل تک تو بھلی چنگی تھی۔ کوئی کہتا صبح تک تو ٹھیک تھیں۔ یوں کسے مر سکتی ہیں۔ نا بخار آیا۔ نا ہیضہ ہوا۔ لیکن کسی کی مجال جو چودھری سے پوچھتا کہ کیسے مر گئی۔ یہاں تک کہ بچوں کی بھی ہمت نہیں تھی کہ۔ کہ وہ اپنے باپ سے پوچھ سکتے۔ کہ ماں کو کیا ہوا۔ ۔ وقت کے ساتھ ساتھ چودھری کی عیاشی بھی عروج پر بچوں کی شادیاں کرانے کے بعد چودھری کو ایک دن لگا کہ وہ اکیلا ہے۔ سب کچھ ہونے کے باوجود کچھ خالی پن ہے۔ ۔ ایسا لگتا ہے کہ کچھ ہونے والا ہے اور اس کے بعد چودھری کی نیندیں حرام ہو گئی۔ کسی پل سکون کسی طور چین نہیں تھا۔ عجیب سی بے کلی تھی۔ ۔ کیا کرے کہاں جائے جس نے جو جو کہا وہ کرتا گیا۔ نہ کوئی ڈاکٹر نہ کوئی حکیم، نہ کوئی پیر نہ کوئی زیارت ہر جگہ من کی شانتی تلاش کرتا رہا لیکن بے سود کہاں جاؤں کیا کروں کس در پر سکون ملے گا میری ساری دولت کوئی لے لیے لیکن میری بیمار روح کو قرار آ جائے۔ ۔ اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے چودھری بشیر احمد اٹھا نا معلوم منزل کی طرف روانہ ہو گیا۔ ابھی صبح ہونے میں وقت تھا۔ دور سے اذان کی آوازیں آ رہی تھی۔ چودھری بس ایک سمت چلا جا رہا تھا۔ کہ گلی کی نکڑ پر پہنچ کر روک گیا۔ جو مانگا ہے اپنے اللہ سے مانگ۔ اس نے پیدا کیا وہ اپنے بندوں سے بہت پیار کرتا ہے ہر گناہ معاف کر دیتا ہے ہاں اگر سچے دل سے دعا کی جائے۔ جب معافی مل جائے تو انسان بالکل اس بچے کی طرح ہو جاتا ہے جو ابھی ابھی پیدا ہوا ہو۔ دل سے توبہ کرو۔ عاجزی۔ انکساری۔ اللہ کو پسندہے۔ غرور تکبر ظالم کو وہ پسند نہیں کرتا۔ چودھری جی کیا مجھے میرا رب معاف کر دے گا۔ ارے چودھری جی آپ۔ اور یہاں مسجد میں۔ آؤ آؤ۔ یہ تو خدا کا گھر ہے اس کے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں۔ یہاں کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہے۔ آؤ بیٹھو۔ مولانا جو باتیں آپ نے کی کیا وہ سچ ہیں، میرے دل پر بہت بوجھ ہے مجھے سکون نہیں ہے میں کیا کروں، چودھری اپنے گناہوں کی معافی مانگوں۔ وہ غفور الرحیم ہے۔ ۔ یاں یاں میں دل سے معافی مانگتا ہوں اب ساری زندگی یہیں پڑا رہوں گا۔ گاؤں والے دیکھ کر پریشان کہ چودھری کی مت ماری گئی ہے۔ شک تو پہلے تھا کہ کسی جن کا سایہ ہے اب ان کا یہ شک یقین میں بدل گیا۔ اب چودھری کا کام مسجد میں صفائی کرنا لوگوں کے جوتے سیدھے کرنا۔ خدا کی مخلوق کی خدمت کرنا چاہتا تھا۔ اب اسے لگا کہ اس کے اندر کا طوفان تھم چکا ہے۔ ۔ اب ٹھنڈے فرش پر بھی وہ سکون سے سو جایا کرتا تھا۔ لیکن شاید اللہ کو منظور نہیں تھا۔ جس طرح چودھرانی کے مرنے کی خبر گاؤں میں آگ کی طرح پھیلی تھی۔ کسی کو پتا نہیں چلا۔ بالکل اسی طرح چودھری کے مرنے کی خبر گاؤں میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ ، ، چودھری کو کسی نے قتل کر دیا۔
٭٭٭

دیوار

فرخندہ رضوی

شام ڈھلتے ہی آسمان کی لاجوردی چادر بادلوں کے پردے میں چھُپ جاتی۔ سیاہ بادل مغرب کے کناروں سے اُٹھتے اور پَل بھر میں ساون اُتر آتا۔ پھر موسلا دار بارش روئی کے گالوں کی طرح ہوا کے دوش پر اُڑنے لگتی۔ سبھی جانتے تھے کہ پہاڑی مقامات کا کیا بھروسہ۔ ایبٹ آباد کی خوبصورت شامیں سردی سے لپٹے سڑک کنارے اُگے درخت یوں سمٹے ہوتے جیسے ابھی کسی سے لپٹنے کو بیقرار۔ ۔ ۔ اُسے سب یاد تھا جب وہ اپنی سہلیوں کے ساتھ پہاڑوں کی پگڈنڈیوں سے ہوتی ہوئی سکول سے واپس لوٹتی تو سردی سے ٹھٹھرتے ہاتھ سُرخ ہوتی ناک سے گھر داخل ہوتی تو ایمان خان اُسے مرچی کہہ کر چڑاتا، وہ منہ پھلائے گھر کے صحن تک چلی آتی۔ اور پھولی پھولی سانس سے اُس پر غصہ کرتی۔ ۔ اور ایمان خان قہقہہ لگاتا باہر نکل جاتا۔ ۔
گھر تو ایک تھا مگر درمیان میں ایک دیوار نے گھر کو دو حصوں میں بانٹ رکھا تھا۔ اُسے تو اکثر لگتا صرف اِس دیوار نے گھر کو نہیں رشتوں کو بھی بانٹ رکھا ہے۔ ایک طرف یہ لوگ اور دوسری طرف اُس کے چچا کی فیملی رہتی تھی۔
اکثر ہی وہ اِس مٹی کی دیوار کا تذکرہ گھر کے بزرگوں سے کرتی تو کوئی معقول جواب نہ پا کر خاموش ہو جاتی۔
کائنات کے دو چھوٹے بھائی اور ایک بڑی بہن تھی کُچھ عمر کی چھوٹی اور کُچھ لا اُبالی پن، گھر والے کسی بات میں اُسے شامل ہی کہاں کرتے مگر وہ بنیادی طور پر ایک ہمدرد لڑکی تھی۔ دُکھ و خوشی کے لمحوں کو فرق سے سمجھتی، اُس کے چچا کے دو بیٹے تھے ایک تو ایمان خاں جو ساتھ رہتا تھا دوسرا بھائی جس کے ساتھ کائنات کی باجی کی شادی ہوئی تھی، وہ یہاں نہیں بلکہ انگلینڈ ہوتا تھا۔ وہ جانتی تھی بزرگوں کے حُکم اوررسم و رواج کی سولی چڑھائی گئی تھی۔
و جہ صرف یہ رہی کہ اُنکے خاندان اپنی برادری سے باہر شادیاں کرتے ہی نہیں۔ کبھی کبھی وہ اِس بات پر اُلجھ سی جاتی کہ باجی کی شادی تو ہو چُکی مگر اُسکی باجی ابھی تک اِسی گھر میں کیوں رہتی ہے۔ جبکہ اُسکے محلے میں بہت سی لڑکیاں جو باجی کی سہیلیاں تھیں اُن کی شادی بھی ہوئی اور وہ یہاں سے اپنے سسرال چلی گئیں۔
اُسکی سمجھ اتنی کم بھی نہ تھی۔ اُس نے تو یہ بھی سُن رکھا تھا کہ چچا کا بیٹا تو رضا مند ہی نہ تھا مگر گھر والوں کی ضد اور رسم و رواج کے ہتھے چڑھ گیا۔ ۔ ۔
پھر ایسے ہی ایک دن باجی کو تانگے کے گھوڑے کی طرح جوت دیا گیا۔ جو نصیب لکھ دیئے جائیں کون بدل سکتاہے۔ سُنا ہے مرد پیار کرنے کے بہت کچے ہوتے ہیں، باجی بھی سب جانتی تھی اُس نے تو خاموشی کی مہر لَب پر لگا رکھی تھی۔ نہ اپنے سسرال والوں سے شکایت نہ اپنے ماں باپ سے۔ ۔ جنہوں نے اتنے نازوں سے پال پوس کر اپنے ہاتھوں دفن کر دیا۔
جہاں وہ لوگ رہتے تھے۔ اور بھی اُنکے رشتہ دار وہاں آباد تھے۔ اُن میں اُسکی ایک دوست سلمیٰ تھی جس سے ہر بات فراخ دلی سے شیئر کرتی۔ ۔ کئ دنوں سے یہی سوال اُسکے دل میں بے چینی پیدا کیے ہوئے تھا۔
مگر آج جب دونوں سکول سے واپس آ رہی تھیں سویرا ضرورت سے زیادہ ہی چُپ چُپ تھی۔
’’کائنات !کیا بات ہے کئی روز سے تُم کُچھ اُلجھی اُلجھی ہو۔ ۔ ۔ ‘‘
وہ تو جیسے اِسی انتظار میں تھی کہ کوئی آئے اور اِسکے دل کا بوجھ ہلکا کر دے۔
’’ہاں سلمیٰ ! نہ جانے کیوں اندر کی اُداسیاں چہروں پر اُمنڈ آتی ہیں۔ دُکھ جب کروٹیں لینے لگتے ہیں تو بے چینیاں بڑھ جاتی ہیں۔ میں بھی ایک ایسی ہی پہیلی میں اُلجھی ہوئی ہوں۔ ۔ ۔ جب رات کو سب سو جاتے ہیں تو اپنی باجی کے بستر سے مجھے سسکیوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں، وہ بہن جو دن بھر لبوں پہ مسکراہٹ سجائے سب کے کام کرتی رہتی ہے مگر رات کا اندھیرا بڑھتے ہی کتنی تنہا ہو جاتی۔ ۔ ‘‘
’’کائنات ! بہت سی باتیں وقت ہی سمجھا جاتا ہے دُکھوں کو نام دینے کی ضرورت نہیں پڑتی‘‘ وہ اُسکا مُنہ دیکھتے بولی۔ ۔
’’ تُم صرف یہ جاننا چاہتی ہو نا؟ تمھاری باجی کی شادی بھی ہوئی مگر دوسری لڑکیوں کی طرح اپنے خاوند کے ساتھ اپنے گھر کیوں نہیں گئی۔ ‘‘
’’ ہاں ایسا ہی ہے۔ ‘‘ بہت بے چینی سے بولی۔
تب سلمیٰ نے کائنات کو سب بتا دیا کہ اُسکے بہنوئی نے ایک شادی انگلینڈ میں بھی کر رکھی ہے۔ ۔ پھر اُسے بھی سب سمجھ آ گیا۔ ۔ ۔ اُس دن کے بعد سے اُسے چچا کا گھرانا اور بھی بُرا لگنے لگا۔ ۔ چچی جو ہر وقت ناک پر غصہ لیے پھرتی۔ ۔ باجی اُسکی گھر کا سارا کام کرتی وہ اُسے نوکر کی حیثیت سے زیادہ سمجھتی ہی کب تھی۔ ۔ !
اور اُسکی بیٹیاں بھی عناب کے ساتھ اچھا سلوک روا نہ رکھ سکیں۔ ۔ ہر وقت جلی کٹی سناتی رہتیں۔ ۔ کوئی بھی اُنہیں منع نہ کرتا۔ ۔ ۔ اندر ہی اندر عناب دُکھی ہوتی مگر ایک سہارا اُسے زندہ رہنے کا حوصلہ دیتا۔ ۔ وہ تھا ننھا مُنا عجب خان۔ جس نے اُسے جینے کا سہارا دے رکھا تھا۔ ۔ ۔ ایک بدقسمتی یہ بھی تھی کہ عجب خان۔ ۔ کو اُسکے باپ نے دیکھا تک نہ تھا۔ ۔ وہ تو شادی کے کُچھ ہفتوں کے بعد واپس لوٹ گیا تھا۔ ۔
ماں باپ کبھی کبھی اتنے خود غرض ہو جاتے ہیں کہ مُعاملات کو سُلجھانے کے بجائے اپنے مفادسامنے رکھے نا انصافیاں کرتے چلے جاتے ہیں۔ ۔ نہ تو اُسکی چچی نے کوشش کی کہ اُنکا بیٹا اپنی بیوی کو پاس بُلا لے نہ ہی عناب نے اپنے حق کے لیے احتجاج کیا۔ ۔ ۔ بس وقت ہی گزرتا گیا۔ ۔ ۔
کائنات بھی عمر کے اِس حصے میں پہنچ گئی کہ گھر میں اُسکی شادی کا تذکرہ ہونے لگا۔ ایک دن وہ کالج سے لوٹی تو چچا اور چچی کی فیملی کو گھر اکٹھے جمع دیکھا۔ اُسے کُچھ حیرانی ہوئی کیونکہ اِس دیوار کے اُس پار جو نفرتیں پَل رہی تھیں اُن سے وہ بخوبی واقف تھی مگر انہونی دیکھ کر چونکے بنا پھر بھی نہ رہی۔ پھر ایک عمارت گرنے کا اندازہ اُس وقت ہوا جب اُسے معلوم ہوا کہ کل اُسکا نکاح۔ ۔ ایمان خان۔ ۔ سے کیا جا رہا تھا۔ ۔ وہ سب خاموشی سے سُنتی رہ گئی۔ ۔ اُس گھر کی دہلیز پر ایک بہن سسکیاں لے رہی تھی۔ ۔ شادی شُدہ ہو کر بھی اکیلے زندگی کا سفر طے کر رہی ہے۔ ۔ اُسی گھر میں ایک اور بیٹی کو قربانی کے لئے تیار کیا جا رہا تھا۔ ۔ سب کے چلے جانے کے بعد وہ بہت چیخی۔ ۔ بہن کے آنسوؤں کی تپش سے سبکو پگھلانے کی کوشش کی مگر بے سود۔ ۔ سب کا ایک ہی جواب تھا سب ٹھیک ہے مگر ہم اپنے بزرگوں کی روایتوں کو نہیں چھوڑ سکتے۔ پھر ایک دِن اُسے ایمان خان کی دُلہن بنا دیا گیا۔ ۔ ۔ وہ کائنات۔ ۔ جو ہر لمحہ ہرنی کی طرح چھلانگیں لگاتی اِدھر سے اُدھر اُترتی چڑھتی۔ ۔ اُداس بلبل کی طرح ایک پیڑ کی شاخ پر چپک کر بیٹھ گئی۔ ۔ ۔ ۔ اُسکے سامنے ویران ویران سے راستے رہ گے۔ ۔ اُسے لگا آج انتہائی جاذب نظر پہاڑ ی سلسلے نظروں سے دُور ہوتے جا رہے ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
پھر وہ دِن بھی طلوع ہوا جس دن ایمان خان بھی سب کے ساتھ اُسے بھی چھوڑ کر دوسرے مُلک سدھار گیا۔ ۔ ۔ وہ کسی سے کُچھ نہ کہہ پائی۔ ۔ ۔ ۔ کُچھ دن گزرنے کے بعد اُسکی باجی کو پوسٹ کے ذریعے ایک رجسٹری موصول ہوئی جِسے کھولتے ہی اس میں لکھے الفاظ اُسکا مُنہ چڑانے لگے۔
کیونکہ اُسکے خاوند نے اُسے آزاد کر دیا تھا۔ ۔ اُسے پوچھے بنا۔ ۔ ۔ اسے پہلے یہ خوشی تو تھی کہ کم از کم شادی شُدہ کا لقب تو تھا۔ ۔ !! آج طلاق نامہ بھیج کر اُس سے یہ بھی حق چھین لیا گیا۔ اتنا بڑا انقلاب آیا کسی نے دُکھ کا اظہار تک نہ کیا۔ ۔ پھر یہ کیسے اپنے تھے۔ ۔ ایک دوسرے کی جھولی میں خوشیاں نہیں ڈال سکتے۔ ۔ صرف رسمیں نبھانے کے لئے رشتوں کی لڑیاں دروازوں کی دہلیز پر باندھ رکھی ہیں آج کائنات کو اِس دیوار کا مطلب سمجھ میں آنے لگا۔ یہ تو صرف اینٹوں کی دیواریں ہیں جنہیں کبھی بھی گرایا جا سکتا ہے مگر ہمارے رسم و رواجات تو اِس دیوار سے بھی زیادہ پُختہ ہیں۔ ۔ جنہیں شاید ہم کبھی بھی نہ گرا سکیں !!
٭٭٭

انشائیے

صوفی

زرقا مفتی

نئے ہزارئیے نے بہت سے پُرانے تصورات کی نفی کر دی ہے۔ مجھ جیسے بہت سے لوگ جو بیسویں صدی میں پیدا ہوئے تھے اپنے تصورات کے بُتوں کی شکست و ریخت سے پریشان ہیں۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ طرز کہن پر اڑے رہیں یا آئین نو پہ چلیں۔ ہو سکتا ہے آپ بھی میری طرح ذہنی طور پر خسارے میں ہوں۔
شاید آپ نے بھی دسویں جماعت کی انگریزی کی کتاب میں ایک نظم ابو بن ادھم پڑھ رکھی ہو جس میں فرشتے ابو بن ادھم کا نام اللہ کے محبوب افراد کی فہرست میں سب سے اوپر لکھتے ہیں کیونکہ وہ اللہ کے بندوں سے محبت رکھتا ہے۔ بقول شاعر تخلیق آدم کے پیچھے بھی یہی حکمت کار فرما تھی

درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کروبیاں

مگر نئے ہزارئیے میں ہمیں معلوم ہوا کہ دُنیا میں اگر کچھ اہم ہے تو وہ ہماری اپنی ذات ہے۔ آپ نے بھی اکثر ٹی وی اینکرز کو یہ کہتے سُنا ہو گا ‘‘اپنا خیال رکھیئے گا’’ یعنی معاشرتی قدریں تبدیل ہو گئیں ہیں اب پہلے آپ اپنا خیال رکھیئے پھر دوسروں کے متعلق سوچئے۔ میں سوچتی ہوں کہ اگر سب انسان اپنا خیال رکھنے میں مصروف ہو گئے تو پھر اللہ کا محبوب کون بنے گا؟؟
ہماری نسل کے تعلیم یافتہ افراد خود کو ماما پاپا کہلانے لگے تو اس زعم میں مبتلا ہو گئے تھے کہ ان کی اولادیں اُنہیں ہر گز یہ نہیں کہہ سکیں گی کہ ‘‘ماما آپ کو کچھ علم نہیں ’’ یا ‘‘پاپا آپ کیا جانیں نئے زمانے کے طور طریقے’’ مگر ہمیں بھی یہی کچھ سُننے کو ملتا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس رویے کی وجہ مذہب سے دوری ہے مگر ہمارا خیال اس کے برعکس ہے۔ نئے ہزارئیے نے ہمیں پُرانی اقدار کو جھاڑ پونچھ کر نیا بنانا سکھایا ہے۔ اس ہزارئیے کا سب سے بڑا نعرہ ہے’’ بیچو’’ جو کچھ بک سکتا ہے۔ اس لئے نئی نسل خدمت کرتی ہے مگر اشتہار لگا کر۔ باقاعدہ اعلانات کرتی ہے۔ منظم طریقے سے کام کرتی ہے اور خدمت میں بھی اپنا نفع ڈھونڈتی ہے۔ سو خدمت خلق کرنے والے کیوں پیچھے رہتے وہ بھی اپنے کارناموں کے اشتہار بانٹنے لگے۔ معلوم نہیں آج کل کے خُدائی خدمت گار یا سوشل ورکر ابو بن ادھم کے رُتبے کو پا سکتے ہیں یا نہیں۔
بچپن میں ہمیں نصابی کتابوں کے علاوہ بچوں کی دُنیا اور بڑوں کے رسالوں سے صوفیا کرام کے حالات زندگی پڑھنے کی اجازت تھی۔ ہمارے ذہن میں ایک صوفی کا جو خاکہ ہے اُس کے مطابق صوفی بے حد پاکباز اور نیک انسان ہوتا ہے۔ جس کی نفسانی خواہشات بہت کم ہوں جو اللہ کی خوشنودی کو ہر بات پر مقدم جانتا ہو۔ تقویٰ کے اعلیٰ مقام پر فائز ہونے کی وجہ سے وہ اللہ کی مخلوق کی دل آزاری سے ہر ممکن اجتناب کرتا ہو۔ اُسے دُنیاوی آسائشوں سے کچھ خاص رغبت نہیں ہوتی۔
ہم سوچتے تھے کہ اب اگر ہمیں کسی صوفی کی تلاش ہو تو کہاں ملے گا؟
مگر ہمیں صوفی کی تلاش میں جنگلوں یا ویرانوں کا سفر نہیں کرنا پڑا اور ایک روز ایک مشہور فیشن ماڈل کو ٹی وی پر صوفی ازم کا پرچار کرتے دیکھا۔ ہم سوچ میں پڑ گئے کہ کیا قول و فعل میں تضاد رکھنے والا شخص صوفی ہو سکتا ہے۔ تزکیہ نفس تو بہت دور کی بات ہے ان خاتون کوتو سادگی سےبھی کوئی واسطہ نہ تھا۔ خیر ہم نے خود کو ملامت کی کہ ہمیں اُن کی نیک نیتی پر شبہ کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ دلوں کے بھید تو اللہ ہی جانتا ہے۔
پھر معلوم ہوا کہ صوفی ازم کا پرچار بھی فیشن میں داخل ہو چکا ہے۔ اس کی وجہ تقوی یا خلقِ خُدا سے محبت نہیں ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ آسایشوں سے پر مکانوں میں بسنے والے ذہین و فطین افراد کو بے سکونی کا مرض لاحق ہے۔ سو ان میں سے کچھ افراد نے سوچا کہ صوفیا کی زندگی سے کچھ ایسے اصول مستعار لئے جائیں جو بے سکونی کی بیماری سے نجات دلا سکیں۔ سو مغرب اور مشرق کے ملے جلے مفکرین نے صوفیا کے طرز زندگی، افکار، تعلیمات اور تحاریر کو کھنگالنا شروع کیا۔ ان کے افکار اور تعلیمات کو چھاڑ پونچھ کر نئے مقالے لکھے، رسالوں میں چھپوائے اور کانفرنسوں میں پڑھے۔
نظریات اور افکار کی تجارت یا پرچار کے لئے بین الاقوامی سیمینار اور کانفرنسیں منعقد ہونے لگیں۔ ہم چونکہ اپنے آپ کو ترقی پسند سمجھتے ہیں اس لئے سوچنے لگے کہ ان مباحث کے نتیجے میں تیار ہونے والے صوفی یقیناً پچھلے زمانے کے صوفیا سے بہتر ہوں گے۔ تھوڑی سی جستجو کے بعد ہماری پارکھی نظر نے کچھ ماڈرن صوفیا کو تلاش کر ہی لیا۔
ان میں سے ایک تو حضرت اقبال کے خانوادے سے ہیں صوفی شاعری اور موسیقی سے دلچسپی رکھتے ہیں فنون لطیفہ کی سرپرستی کرتے ہیں۔ خلقِ خدا میں سے اچھی صورت اور اچھی آواز والوں کے قدردان ہیں ان پر مہربان بھی ہیں اور ان کے مدد گار بھی۔ اچھا کھاتے پیتے ہیں۔ یا یوں کہیئے کہ اپنے نفس کے تابع ہیں۔ اپنے خاندان سےکٹ کر ایک پرانی حویلی میں بسیرا کئے ہوئے ہیں۔ حویلی کو پرانے فرنیچر سے آراستہ کر رکھا ہے۔ زندگی کو ہر طرح سے برت چکے ہیں۔ بالوں سے بڑھاپا جھلکتا ہے مگر دل ہنوز جوان ہے۔ دو عدد بیگمات سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔ اپنے من میں ڈوب چکے ہیں مگر سراغ زندگی کو نہیں پا سکے تاہم چہرے پر اطمینان لکھا ہوا ہے۔ خاندان کی پابندیوں، بندھنوں اور ذمہ داریوں سے آزاد ہو کر کوئی بھی منچلا خوش رہ سکتا ہے مگر ہم اُسے صوفی کیسے مان لیں۔
خیر ہم نے ایک بار پھر خود کو ملامت کی کہ ویسے تو بہت ترقی پسند بننے کا شوق ہے مگر کسی بھی نظریے کی ترقی یافتہ شکل کو قبول نہیں کرتے۔ کیا فائدہ ایسے ترقی پسند ہونے کا۔
دوسری صوفی ایک خاتون ہیں اور ہمارے ہی خاندان سے ہیں۔ آپ کہیں گے کہاں حضرت اقبال کا خانوادہ اور کہاں ہم۔ مگر فکری سلسلے کسی شجرے کے محتاج تو نہیں ہوتے۔ ہماری عزیزہ ایک سخت گیر یا اصول پسند ساس کی بہو بنیں تھیں۔ کئی سال گھریلو محاذ پر اپنی ذہانت، اخلاق اور مہارت آزماتی رہیں مگر اپنے مراتب میں خاطر خواہ اضافہ نہ کر سکیں۔ سو اپنے تعلیمی سلسلے کو دوبارہ شروع کیا اور سچ کی تلاش میں جُٹ گئیں۔ مولانا روم کی فکری مرید ہو گئیں۔ ان پر مقالے لکھے اور ان سے متعلقہ تقریبات میں شرکت کرنے لگیں۔ ان کی زندگی یکسر تبدیل ہو گئی۔ انہوں نے اپنی گھریلو ذمہ داریاں کم کرنے کے لئے ملازم رکھ لئے۔ ساس بہو کی روایتی تکرار سے بچنے کے لئے اپنا زیادہ وقت گھر سے باہر یا بالائی منزل پر گزارنے لگیں۔ انہیں معلوم ہو گیا تھا کہ وہ ایک اعلی دماغ کی حامل ہیں اور کمتر ذہنی استعداد کے افراد سے مباحث اُن کو زیب نہیں دیتے۔ وہ اپنی برتری کا برملا اظہار کرنے لگیں اور ہم جیسے لوگوں سے فاصلہ رکھنے لگیں۔
کئی بار ہمیں اُن کے رویے سے دکھ پہنچا مگر چونکہ وہ ہمیں بہت محبوب تھیں اس لئے ہم نے سوچا کہ ابھی وہ سچ کے سفر کی منازل طے کر رہی ہیں۔
ہمارے ناقص خیال میں جو شخص دائمی سچ کو پہچان لیتا ہے وہ حد سے زیادہ عاجز ہو جاتا ہے اُس کے ذہن سے برتری کا بخار اُتر جاتا ہے اُسے اپنی بے وقعتی کا احساس ہو جاتا ہے چنانچہ ہم اپنی عزیز از جان خاتون کو بھی اپنے دل میں صوفی کا رُتبہ نہیں دے پائے۔
آخر میں ایک بار پھر خود کو ہی ملامت کرنی پڑی کہ شاید ہم حسد کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہم اُن کی فکری پرواز کا ساتھ نہیں دے سکتے اسی لئے ان پر تنقید کر رہے ہیں۔ اللہ ہمیں معاف کرے اور دوسروں کی خامیوں سے زیادہ اُن کی خوبیوں پر نظر رکھنے کی توفیق عطا کرے آمین۔
٭٭٭

پردہ بے پردہ

زرقا مفتی

ہمارا تعلق ایک روشن خیال گھرانے سے ہے مگر ہم نے اپنے بچپن میں اپنی رشتہ دار خواتین کو برقعوں میں ملبوس دیکھ رکھا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ ہمیں پردہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی کیونکہ ہمارے بڑے ہونے تک ہمارے گھر کے مردوں کی عقل پر پردہ پڑ چکا تھا۔ تعلیم کے معاملے میں ہمیں کھُلی چھوٹ تھی کہ جتنا چاہیں پڑھ لکھ لیں۔ اس لئے ہم اپنی ذہنی بساط کے مطابق پڑھتے رہے۔ کالج میں عجیب معاملات دیکھے کچھ لڑکیاں گھر سے پردے میں آتیں اور کالج پہنچتے ہی بے پردہ ہو جاتیں۔ گھر والوں کی دی ہوئی محدود آزادی کا ناجائز فائدہ اُٹھانے والی لڑکیوں میں سے اکثر پردہ کرتیں تھیں۔ اُس زمانے میں ہم نے سوچا کہ ان کے گھریلو ماحول کی گھٹن ان کی بے راہ روی کا سبب ہے۔
اپنے کالج سے بی اے پاس کرنے کے بعد ہمیں وہاں کی سفید وردی سے نفرت ہو گئی ہم نے پرنسپل سے بات کی کہ ماسٹرز کی طالبات کو سفید وردی کی پابندی سے مستثنی قرار دے دیں مگر انہوں نے ہماری ایک نہ مانی۔ ہم بھی اپنی ضد کے پکے تھے اس لئے اپنے کالج میں فیس جمع نہیں کروائی اور رنگین کپڑے پہننے کا شوق پورا کرنے کے لئے گورنمنٹ کالج میں داخلہ لے لیا۔ یہاں بھی اکا دُکا طالبات پردہ کرتی تھیں مگر کالج کے گیٹ سے باہر۔ صبح کالج میں داخل ہوتے ہی پردہ ختم اور دوپہر کالج سے باہر جاتے ہی پردہ شروع۔ ہم نے سوچا شاید کالج کے باہر پائے جانے والے مردوں کی نظریں زیادہ خراب ہوتی ہیں۔ کالج میں دو سال گزارنے کے بعد بھی پردے کی اہمیت کا علم نہیں ہوا۔
ماسٹرز کے بعد ہماری والدہ کو ہماری بڑھتی ہوئی عمر کی فکر ستانے لگی اس لئے ایک سال بعد ہی ہمیں سسرال پہنچا دیا گیا۔ یہاں آ کر ہمیں پردے کی ضرورت، اہمیت اور سہولت کا ادراک ہوا۔ ہمارے شوہر نے ہمیں بتایا کہ خواتین کو مردوں کی ستائشی نظروں سے بچنا چاہیئے۔ تاہم وہ ہمیں پردہ کرنے پر قائل نہ کرسکے۔ کیونکہ ہم نے پیشگی معذرت کے ساتھ اُن کو بتا یا کہ اُن کے گھر کی خواتین کہیں جانے کے لئے چادر اوڑھ کر گاڑی میں بیٹھ جاتی ہیں مگر منزل پر پہنچ کر چادر تہہ کر لیتی ہیں۔ اب کسی بھی تقریب میں سبھی مرد محرم تو نہیں ہوتے۔ اُن کے پاس میری دلیل کا کوئی جواب نہیں تھا اس لئے انہوں نے ہمیں اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ یعنی اب ہمارا اکیلے گھر سے باہر جانا ممنوع قرار پایا۔ خیر ہمیں کونسا ہر روز انارکلی یا لبرٹی جانے کا شوق تھا اس لئے ہمارا کچھ نہ بگڑا۔
کچھ سال بعد ہمیں حج بیت اللہ کی سعادت نصیب ہوئی۔ سعودی عرب میں قیام کے دوران ہم ہمہ وقت ایک بڑی سی سفید چادر اوڑھتے رہے مگر وہاں بھی اللہ تعالیٰ نے ہماری سرزنش کے مواقع پیدا کئے۔ ایک روز ہم اپنی تائی جان کے ہمراہ حرم سے ہوٹل جا رہے تھے بڑی سی چادر اوڑھ رکھی تھی کہ ایک پاکستانی بزرگ نے تائی جان کو تحکمانہ لہجے میں کہا کہ بچی کو پردہ کروائیں ہم بہت گھبرائے مگر تائی جان نے معاملہ سنبھال لیا اور اُنہیں نظریں نیچی رکھنے کی ہدایت فرمائی۔ پھر ایک روز ظہر کی نماز سے قبل میرے ساتھ بیٹھی ہوئی خاتون نے مجھے لیکچر پلانا شروع کر دیا۔ ہوا یوں کہ نماز کے لئے ہاتھ باندھتے وقت قمیض کی آستین کلائی سے پرے کھسک گئی وہ نیک بی بی تو شروع ہو گئیں کہ آپ نے پردہ ٹھیک نہیں کیا میں نے اُن کی توجہ اُن کی اپنی آستین کی دلوائی تو انہوں نے اپنے پرس سے دو عدد دستانے برآمد کئے کہ میں باہر نکلنے سے پہلے یہ پہن لوں گی۔ اب میرے شرمندہ ہونے کی باری تھی مگر میں نے ڈھٹائی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ دین میں اتنی تنگی نہیں۔ حج سے واپس آ کر ہم نے بڑی سے چادر سے نجات حاصل کر لی۔ پردہ نہ کرنے کی ایک دلیل ہم نے یہ پیش کی کہ حرم میں چہرے کا پردہ نہیں تو یہاں بھی اس کی چنداں ضرورت نہیں۔
کچھ عرصے بعد ہماری ایک عزیزہ نے شرعی پردہ شروع کر دیا۔ پردہ شروع کرنے پر اُن پر تنقیدی حملے شروع ہو گئے کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ انہوں نے مشترکہ خاندانی نظام میں رہتے ہوئے سسرال والوں کو فاصلے پر رکھنے کے لئے شرعی پردے کا انتظام کیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ ڈھلتی ہوئی عمر میں پردے کا کیا فائدہ جب آپ نوجوانی میں لوگوں کا ایمان آزما چکے ہوں۔ لیکن کچھ اور لوگوں کا کہنا تھا کہ ہدایت کسی بھی وقت آ سکتی ہے اور ہمیں اُن کے پردے کا احترام کرنا چاہیئے۔ بہرحال اُن کی دیکھا دیکھی ہمارے خاندان کی کچھ اور خواتین بھی پردہ کرنے لگیں۔ لیکن ہم پر خربوزے والی مثال صادق نہ آ سکی۔ اب اللہ نے دماغ اس لئے تو نہیں دیا کہ بغیر سوچے سمجھے دوسروں کی تقلید شروع کر دی جائے۔
آپ تو جانتے ہی ہیں کہ افغانستان میں طالبان کے راج کے ساتھ ہی ہمارے ملک میں بھی اسلام فہمی کا رجحان پیدا ہو گیا تھا۔ تو ہماری عزیزہ بھی اس کار خیر میں شامل ہو گئیں۔ اب وہ محلے کے ہر گھر کا دروازہ کھٹکھٹانے لگیں اُن کے گھر کے قدامت پسند مرد جی ہی جی میں تلملاتے مگر چونکہ وہ مکمل پردہ کر کے نکلتی تھیں اس لئے خاموش رہنے پر مجبور تھے۔
ہماری جان پہچان والی ایک خاتون نے سکول کھول رکھا تھا۔ نوجوانی میں وہ بہت آزاد خیال ہوا کرتی تھیں۔ اکثر بغیر آستین کے قمیض یا بلاؤز پہنا کرتیں۔ ہم ایک بچے کے داخلے کے لئے اُن کے سکول گئے تو اُن کو عبایا میں ملبوس دیکھ کر حیران رہ گئے۔ ہم نے اس تبدیلی کا سبب دریافت کیا تو اُنہوں نے کہا پردے نے مجھے آزادی فراہم کی ہے مجھے اب اس بات کا کوئی ڈر یا خوف نہیں کہ کوئی میری جانب کس نگاہ سے دیکھ رہا ہے۔ وہ ایک ذہین خاتون ہیں کہنے لگیں شاید آپ سوچ رہی ہیں کہ بچوں کی شادیوں کے بعد مجھے پردہ کرنے کی کیا سوجھی؟ ہم واقعی یہی سوچ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن فہمی کی بدولت وہ پردے کی قائل ہوئی ہیں۔
ہم نے سوچا پردہ تو خواتین کو بے پردہ خواتین سے زیادہ آزادی فراہم کرتا ہے۔ چونکہ ہم اپنے شوہر کے حفاظتی حصار کے عادی ہو چکے تھے اس لئے ہمیں پردے کی افادیت اور اس کے ساتھ ملنے والی سہولت نے بھی قائل نہ کیا۔
آپ بھی کہیں گے کہ شاید میرے دل و دماغ پر مہر لگ چکی ہے جو ایسی اعلیٰ تقلیدی مثالوں کے باوجود بے پردہ ہی رہے۔ مگر یقین جانئے ہم تو پردے کے قائل ہو چکے تھے مگر کچھ واقعات نے ہمیں اپنی پُرانی روش پر قائم رہنے پر مجبور کیا۔ شادی کی ایک تقریب میں ہم نے دیکھا کہ ہماری شرعی پردہ دار عزیزہ کی نوجوان بیٹیاں اپنی تصویریں ایک غیر محرم سے بنوا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے بال بھی ترشوا رکھے ہیں اور ایک نے تو سر پر دوپٹہ بھی نہیں لے رکھا۔ البتہ ہماری عزیزہ پردے کئے بیٹھی تھیں۔ ہمیں اپنی خالہ جان کی بات یاد آئی کہ چالیس سے اوپر کی عورت کو کون مرد دیکھتا ہے مردوں کی نظریں تو نوجوان لڑکیوں کی جانب اُٹھتی ہیں۔ ہم نے سوچا ایسی منافقت سے تو اچھا ہے کہ ہم بے پردہ ہی رہیں۔
پھر ایک روز اپنے چھوٹے بیٹے کی فرمائش پر شالیمار باغ کی سیر کو گئے۔ گاڑی پارک کر کے باغ کے دروازے کی طرف جا رہے تھے کہ دو برقع پوش نوجوان لڑکیاں نظر آئیں۔ اُن کے ہاتھوں میں اسلامی کتب تھیں۔ اُن کے انداز سے ظاہر ہو رہا تھا کہ وہ کسی کی منتظر ہیں۔ ہم نے سوچا کہ شاید کسی بس وغیرہ کا انتظار کر رہی ہیں۔ مگر ہمارا اندازہ غلط تھا اچانک دو نوجوان لڑکے نمودار ہوئے اور ایک لڑکی نے اُنہیں ڈانٹ پلائی کہ موبائل کیوں بند رکھا تھا۔ وہ بحث کرتے ہوئے باغ میں داخل ہو گئے۔ ہم بھی باغ میں داخل ہو گئے۔ باغ کی سیر کے دوران ہم نے ان لڑکے لڑکیوں کو ایک کونے میں رکھے بنچ پر راز و نیاز میں مشغول پایا۔ ہمیں سخت رنج ہوا کہ یہ نوجوان لڑکیاں پردے کی آڑ میں کیسی شرمناک حرکتیں کر رہی ہیں۔ ظاہر ہے پردے کی وجہ سے کوئی ان کی شرافت پر اُنگلی نہیں اُٹھا سکتا چاہے وہ اپنی شرافت کی دھجیاں خود ہی اُڑا دیں۔
سچ کہیئے تو ہم ان پردہ دار لڑکیوں سے بہت مایوس ہوئے۔
آخر میں ہم اس نتیجہ پر پہنچے کہ پردہ صرف دل اور نظر کا ہوتا ہے۔
٭٭٭

کامیاب شوہر

مرزا امجد بیگ

کہتے ہیں ہر کامیاب انسان کے پیچھے عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ مگر اس ہاتھ کے ساتھ اگر مرد کی عقل نہ ہو تو وہ ہاتھ پھر خالی ہاتھ نہیں ہوتا۔ ۔ یہ بھی یاد رکھیئے کہ یہ اس مرد کے لئے کہا گیا ہے جو شاید کنوارہ تھا۔ ورنہ بے چارے شادی شدہ مرد کے پیچھے تو عورت کا ہاتھ نہیں پوری عورت ہوتی ہے اور وہ بھی اکیلی نہیں چھ بچوں اور اپنی ماں کے ساتھ۔ ۔
سنا ہے بھارت میں ہزاروں سال پرانے ہیجڑوں کے ایک مند ر کی دیوار پر سنسکرت میں یہ عبارت کھدی ہوئی ہے۔ کہ ’’مرد کے لئے شادی آتش بازی کے انار کی طرح ہے جو کچھ عرصہ تک تو زندگی کی اندھیرتا میں شرارے بکھیرتا ہے اور پھر لمحوں میں سرد ہو کر راکھ ہو جاتا ہے‘‘ خیر یہ مکالمہ ہمارے جیسوں کے لئے نہیں۔ کیونکہ یہ انار تیس سال سے پہلے روز کی طرح شرارے بکھیر رہا ہے۔ ۔ مگر پھر بھی کبھی ہم سوچتے ہیں کہ آفرین ہے دانائی کے اس اندھے پن پر کہ ایک روز اس انار پر یوں لپک کر تین بار قبول ہے، قبول ہے، قبول ہے کہا کہ آج تک فضول ہے فضول ہے کی گردان جاری ہے۔ ۔ خدارا اس انشایئے سے یہ مت سمجھیں کہ آپ کو ’’بد زن‘‘ کیا جا رہا ہے۔
شادی ضرور کیجئے ایک نہیں چار چار کیجئے جو جائز بھی ہیں۔ ۔ ہم تو آج اس انشایئے میں اس زندگی کے مشکل ترین امتحان کی کامیابی کے چند ایسے اصول بتانے جا رہے ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر آپ کا انار بھی ایک طویل عرصے تک شرارے بکھیرتا رہے گا۔
جب کبھی بھی بیگم کو بلانا جھڑکنا چمکارنا یا سمجھانا مقصود ہو تو اسے کبھی اس کے حقیقی نام سے مت پکاریں اور اختصاری نام مثلاً خالدہ نام ہو تو خدو، گلنار ہو تو گلو، صدف کو صدو اور رحیلہ کو لیلو وغیرہ کہہ کے پکاریں۔ ۔ ۔ پھر دیکھیں کیا انقلاب آتا ہے
شادی کے فوراً بعد (اگر دیر ہو گئی تو کوئی بات نہیں آج سے ہی شروع کر دیں ) اس قسم کی چاپلوسانہ جملوں کی تکرار شروع کر دیں، جیسے ’’ہاں ہاں ٹھیک ہے ‘‘ بالکل سچ کہا تم نے‘‘ درست کہا ‘‘ ’’ارے کیا بات ہے تمہاری ‘‘ ’’اس بار غلطی ہو گئی ‘‘
’’معاف کرنا ‘‘ جی جی بہتر ہے ‘‘ ایسا ہی ہو گا ‘‘ نہیں نہیں یہ میری غلطی تھی ‘‘ وغیرہ وغیرہ
نکاح کی شب دروازہ کھولنے سے قبل دل میں عہد کریں (شادی شدہ حضرات کے لئے اب بھی دیر نہیں ہوئی)کہ منہ دکھائی سے منہ چھپائی یعنی موت تک بیگم کے روبرو جب بھی کسی دوسری عورت کا نام آئے یا اس کی کوئی غیبت کرنی ہو (تعریف نہیں )تو موصوفہ کے نام کے ساتھی باجی، بہن، خالہ یا آنٹی کا اضافہ ضرور کریں، مثلاً باجی راشدہ، ثمینہ بہن، آنٹی رشیدہ وغیرہ۔ خصوصاً وہ خواتین جنہیں دیکھ کر آپ کے دل میں جوار بھاٹا بپا رہتا ہے۔
جب کبھی بیوی دفتری اوقات، تنخواہ، اوور ٹائم یا دیگر مراعات کے متعلق پوچھے تو کبھی سچ نہ بولیں۔ یہ معصوم جھوٹ اللہ کے ہاں بھی قابل معافی ہو گا کیونکہ اسے آپ اپنی ازدواجی زندگی کی بھلائی کے لئے بول رہے ہوں گے۔
گاہے بگاہے اپنی بیگم کو یہ بھی جتاتے رہیے کہ آپ کی ہتھیلی پر کم و بیش شادی کی پانچ لکیریں ہیں۔ ۔
سال میں ایک دو بار اپنے آپ پر سکتہ طاری کر لیا کریں اور جب بیگم پوچھے تو ایک لمبی سی عاشقانہ آہ بھر کر خاموش ہو جائیں اس ناٹک کا تسلسل بیگم کے لاشعور میں کانٹا بن کے چبھتا رہے گا کہ آپ ضرور ماضی کی کسی حسین یاد میں بیقرار ہیں چاہے آپ کی زندگی میں کبھی کسی مٹیالی بھنگن نے بھی نگاہ غلط نہ ڈالی ہو۔ ۔
جب کبھی بیگم صاحبہ غسل خانے نہا کر بھیگی بلی کی طرح نمودار ہوں تو بے ساختہ کہہ اٹھیں۔ ’’واہ جان ! آپ کی سادگی کیا قیامت ڈھا رہی ہے۔ کس قدر پاکیزہ اور اجلا اجلا حسن ہے جیسے صبح کے وقت کسی پھول کی پنکھڑی پر شبنم تھرک رہی ہو، قسم لے لو سرخی پاؤڈر تھوپ کر تو آپ ہمارے ارمانوں پر گوبر تھوپ دیتی ہیں ‘‘ اس طرح ہمیشہ کے لئے میک اپ کے سامان کے اخراجات سے بھی جان چھوٹ جائے گی۔
وہ بیوی ہی کیا جو روٹھے نہ۔ ۔ اگر ایسی صورتِ حال ہو تو فوراً کہہ دیں ’’بیگم خدا کی قسم منہ پھلا کر تو تم بالکل بد ہضمی کی شکار لگتی ہو۔ ۔ ‘‘
بھولے سے بھی کسی جھوٹے شاعر کی طرح یہ نہ کہیں کہ تم تو غصّے میں بھی پیاری لگتی ہو۔ یا تمہارا غصّہ بھی پیارا لگتا ہے۔ کیونکہ یہ لوگ اپنے گھروں میں ایسی باتیں ہرگز نہیں کرتے جو اپنے شعروں میں لکھتے ہیں۔
اگر آپ ہر فن مولا ہیں یعنی گھر کی مرمت، ڈیکوریشن، بجلی، گیس، پانی یا لکڑی کے کام میں مہارت رکھتے ہوں تو اس کا عملی مظاہرہ بیوی کے سامنے ہرگز نہ کریں ورنہ اپنے تمام سسرالی رشتہ داروں کے گھروں کی مرمت ٹوٹ پھوٹ اور رنگ روغن کا کام ’’منہ چھپائی‘‘ تک آپ پر واجب ہو جائے گا
آخر میں ازدواجی زندگی میں خوش رہنے کا اہم ترین نسخہ اپنی خوش دامن سے کبھی خوش ہو کر بات مت کریں۔ جب وہ آئے سر درد، ہائی بلڈ پریشر یا لو شوگر کا بہانہ کر کے بستر میں دبکے رہیں۔ ۔ انسانی زندگی میں یہ واحد رشتہ ہے جس کی محبت میں دوری بڑی ضروری ہے۔ ۔ ۔ ۔
٭٭٭

غزلیات

زہرہ نگاہ

رات عجب آسیب زدہ سا موسم تھا اپنا ہونا اور نہ ہونا مبہم تھا

ایک گل تنہائی تھا جو ہمدم تھا خار و غبار کا سرمایہ بھی کم کم تھا

آنکھ سے کٹ کٹ جاتے تھے سارے منظر رات سے دیدۂ حیراں برہم تھا

جس عالم کو ہو کا عالم کہتے ہیں وہ عالم تھا اور وہ عالم پیہم تھا

خار خمیدہ سر تھے بگولے بے آواز صحرا میں بھی آج کس کا ماتم تھا

روشنیاں اطراف میں زہرا روشن تھیں آئینے میں عکس ہی تیرا مدھم تھا ٭٭٭

زہرہ نگاہ

صورت دل کشی رہی خواہش زندگی رہی داغ دل خراب سے رات میں روشنی رہی

تیرے سبھی کلاہ پوش کوہغرور سے گرے
اپنی تو ترک سر کے بعد عشق میں برتری رہی

ساتویں آسماں تک شعلۂ علم و عقل تھا
پھر بھی زمین اہل دل کیسی ہری بھری رہی

آپ ہوا ہے مندمل، گل نے بہار کی نہیں
شہرت دست چارہ گر، زخم ہی ڈھونڈتی رہی

کہتے ہیں ہر ادب میں ہے ایک صدائے باز گشت
میر کے حسن شعر سے میری غزل سجی رہی
٭٭٭

امجد اسلام امجد

اپنے ہونے کی تب و تاب سے باہر نہ ہوئے
ہم ہیں وہ سیپ جو آزادۂ گوہر نہ ہوئے

حرفِ بے صوت کی مانند رہے دُنیا میں
دشتِ امکاں میں کھلے نقشِ مصور نہ ہوئے

پھول کے رنگ سرِ شاخِ خزاں بھی چمکے
قیدیِ رسمِِ چمن خاک کے جوہر نہ ہوئے

تھک کے گرتے بھی نہیں گھر کو پلٹتے بھی نہیں
نجمِ افلاک ہوئے آس کے طائر نہ ہوئے

اس کی گلیوں میں رہے گردِ سفر کی صورت
سنگِ منزل نہ بنے راہ کا پتھر نہ ہوئے

اپنی ناکام اُمیدوں کے خم و پیچ میں گُم
ابرِ کم آب تھے ہم رزقِ سمندر نہ ہوئے
٭٭٭

امجد اسلام امجد

کبھی تو دل تمناؤں کے اس گرداب سے نکلے
ہنر بھی کچھ ہمارے دیدۂ بے خواب سے نکلے

ستارے ٹوٹ کر جیسے خلاؤں میں بکھر جائیں
ہمارے نام بھی ایسے دلِ احباب سے نکلے

چمن میں گُل بکھرنے پر بھی خوشبو چھوڑ جاتے ہیں
زمیں کی انجمن سے جو اُٹھے آداب سے نکلے

ابھی تک ان کے بام و در پہ اُمیدیں لرزتی ہیں
یہ کن شہروں کے نقشے وادیِ سیلاب سے نکلے

محبت کا سخن وہ ہے کہ دشتِ سنگ میں کیجیے
تو اس کی باز گشتِ غم دلِ مہتاب سے نکلے

نہ ٹھہرا ایک بھی امجد مری آنکھوں کے ساحل پر
ہزاروں کارواں اس رہگزارِ آب سے نکلے
٭٭٭

ثمینہ راجہ

کچھ اجنبی سی صداؤں سے بات کی ہم نے جب ایک شام ہواؤں سے بات کی ہم نے

اُنہیں بتایا پتہ آسمان والے کا زمیں کے سارے خداؤں سے بات کی ہم نے

تھے اپنے خواب کے اک داستاں سرا ہم بھی
نگر کے خواب سراؤں سے بات کی ہم نے

سہارا کوئی نہ تھا دھوپ میں رفیقوں کا
سو ایک پیڑ کی چھاؤں سے بات کی ہم نے

دوبارہ اِس دلِ مایوس میں اترنے کو پلٹ کر آتی دعاؤں سے بات کی ہم نے

سفر کے بعد ضروری ہے ایک منزل بھی چنانچہ راہنماؤں سے بات کی ہم نے

جدھر ذرا سا گماں تھا تمہارے ہونے کا
ادھر سے آتی ہواؤں سے بات کی ہم نے

ہم اپنی خامشی سب کو کہاں سناتے ہیں یہی بہت ہے خلاؤں سے بات کی ہم نے

سب اپنے طالعِ بیدار کی تلاش میں تھے
جہاں کے بخت رساؤں سے بات کی ہم نے

یہ اہلِ عشق بھی کیا خاک سے بنے ہوں گے؟
عجیب شعلہ نواؤں سے بات کی ہم نے
٭٭٭

ثمینہ راجہ

باغِ دل میں گلِ آرزو، عمر بھر لہلہاتا رہا
وہم کا سانپ بھی پاس ہی شاخ پر سرسراتا رہا

دستِ گلچیں کے اصرار پر خار حیران ہوتے رہے
پھول تو مسکراتے رہے، زخم بھی مسکراتا رہا

دھوپ، خوشبو، ہوا، باغ میں دیر تک آتے جاتے رہے
ایک گوشے میں بیٹھا ہوا شام تک کوئی گاتا رہا

اجنبی منزلوں کی طرف زندگی کے قدم اٹھ گئے
پیڑ بازو ہلاتے رہے اور رستہ بلاتا رہا

اک نئی نظم کی جستجو رات بھر جاگتی ہی رہی
رات میرے سرہانے کا لمپ صبح تک جگمگاتا رہا

ذکر چھیڑا کسی نے ابھی دھیان میں کوئی در کھل گیا
دیر سے جو تھا بھولا ہوا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ دیر تک یاد آتا رہا

اپنے دل میں کسی کی طرف راستہ ڈھونڈنا تھا مجھے
کوئی جنگل تھا چاروں طرف عمر بھر سنسناتا رہا

چاہتیں اور تنہائیاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ شہرتیں اور رسوائیاں
دل کے ہر شوق کے ساتھ ہی دل سے ہر خوف جاتا رہا
٭٭٭

یاسمین حمید

بساطِ زندگی پر گھومتا اک دائرہ ہوں
جو پیہم ہو رہا ہے میں اک ایسا سانحہ ہوں

رسائی آنکھ کی میری علامت بن گئی
زمیں اور آسماں کے درمیاں اک رابطہ ہوں

لہو میرا بہا ہے کربلائے خیر و شر میں
شکست و فتح کی معراج کا اک واقعہ ہوں

پگھلتے پتھروں پہ چل کے پہنچی ہوں یہاں تک
میں اک آتش فشانی سانحے کا معجزہ ہوں

مجھے جس نے بنایا اور مٹا کر پھر بنایا
اُسی کی اک کڑی ہوں میں اُسی کا سلسلہ ہوں
٭٭٭

یاسمین حمید

عطائے ابر سے انکار کرنا چاہیئے تھا
میں صحرا تھی مجھے اقرار کرنا چاہیئے تھا

لہو کی آنچ دینی چاہیئے تھی فیصلے کو اسے پھر نقش بر دیوار چاہیئے تھا

اگر لفظ و بیاں ساکت کھڑے تھے دوسری سمت
ہمیں کو رنج کا اظہار کرنا چاہیئے تھا

اگر اتنی مقدم تھی ضرورت روشنی کی
تو پھر سائے سے اپنے پیار کرنا چاہیئے تھا

سمندر ہو اس میں ڈوب جانا بھی روا ہے
مگر دریاؤں کو تو پار کرنا چاہیئے تھا

دلِ خوش فہم کو صبحِ سفر کی روشنی میں
شبِ غم کے لئے تیار کرنا چاہیئے تھا

شکستِ زندگی کا عکس بن کر رہ گیا ہے
وہی لمحہ جسے شہکار کرنا چاہیئے تھا
٭٭٭

سرور عالم راز سرورؔ

دَرد سے جانے گئے، آہوں سے پہچانے گئے
مجھ سے پہلے بزم میں جب میرے افسانے گئے

انجمن میں تیری جب جب تیرے دیوانے گئے
شمع سر دھُنتی رہی، قربان پروانے گئے

ساقیئ خوش کار کی معجز نمائی دیکھئے
جس طرف نظریں اُٹھیں اُس سمت پیمانے گئے

وقت آیا تو نظر آیا نہ کوئی دُور دُور
دوست سب اپنے اِسی عنوان پہچانے گئے

ہم بتائیں کیا ہوئے سارے بُتان آرزو
کچھ گئے سوئے حرم اور کچھ صنم خانے گئے

چند خوابوں پر بِنا رکھی تھی ہم نے زیست کی
آنکھ کھولی تو کہاں وہ سب خدا جانے گئے

جان و دل، عقل و خرد، علم و یقیں، وہم و گماں
ہو بُرا اِس عشق کا سب اپنے بیگانے گئے

ہم ہیں اور دُنیا پہ ہے اک نا مرادانہ نگاہ
آئے تھے انجان سب سے اور انجانے گئے

ایک اُمّیدِ کرم اور اک دُعائے نا تمام
دُور تک راہِ فنا میں ہم کو پہنچانے گئے

یاد نے ڈالے ہیں ڈیرے کارگاہ شوق میں
گاہے گاہے ہم بھی واں اِس دل کو بہلانے گئے

دل وہ اک ناداں کہ سنتا ہی نہیں ہے کوئی بات
تم بھی سرورؔ جانے کس ظالم کو سمجھانے گئے

ڈھونڈتے ہو ا ب یہاں کیا سرورِؔ درویش کو
صاحب دل جس قدر تھے کب کے میخانے گئے
٭٭٭

صفدر ہمدانی

ہمارے دنیا بھر کے مسئلے ہیں سمندر کو بھنور کے مسئلے ہیں

کوئی صورت نہیں ملتی کسی سے یہی آئینہ گر کے مسئلے ہیں

اِنہی سے ذات ہے تقسیم میری یہ جو دیوار و در کے مسئلے ہیں

شعور و فکر، احساسِ محبت
یہی اہلِ نظر کے مسئلے ہیں ؟

تمہیں تو فکر اپنے حال کی ہے مجھے اگلے سفر کے مسئلے ہیں

کوئی تو ہو جو میری بات سمجھے یہی مجھ در بدر کے مسئلے ہیں

مرا ہر مسئلہ بس فکر کا ہے جو باقی ہیں وہ زر کے مسئلے ہیں

سکوں میں ہے بہت جو بے خبر ہے وگرنہ سب خبر کے مسئلے ہیں

سیاست بن گئے محراب و منبر ادھر بھی اب اُدھر کے مسئلے ہیں

کروڑوں لوگ جو سوتے ہیں بھوکے یہ سب تقسیمِ زر کے مسئلے ہیں

مجھے موجود لمحے کا تردد تمہیں شام و سحر کے مسئلے ہیں

بہت ہے فکر اس کو میرے گھر کی کچھ اس کے اپنے گھر کے مسئلے ہیں

اُسے دستار کی ہے فکر صفدر مجھے در پیش سر کے مسئلے ہیں ٭٭٭

صفدر ہمدانی

غم کی گہرائی میں خوش رہتا ہوں میں کہ تنہائی میں خوش رہتا ہوں

منتخب کرتا ہوں دشمن اپنے اپنی رسوائی میں خوش رہتا ہوں

دیکھتا ہوں میں گریبان تلک حدِ بینائی میں خوش رہتا ہوں

جو شناسائی، شناسائی نہ ہو اس شناسائی میں خوش رہتا ہوں

کوئی خواہش نہیں ایوانوں کی گھر کی انگنائی میں خوش رہتا ہوں

شہر سے خوف ہے صفدر مجھکو بزمِ صحرائی میں خوش رہتا ہوں ٭٭٭

عزیز بلگامی

فکر کی آنکھ سے اوجھل تھا سُخن کا پہلو
بس اِسی واسطے تشنہ رہا فن کا پہلو

لوٹ جاتی ہے، بہار آ کے درِ گلشن تک
اب خزاں کے لیے کھلتا ہے چمن کا پہلو

انقلابات کی تقدیر سنور جائے گی جاں گزیں سوچ میں ہو دارورسن کا پہلو

دِل کو چھوتی نہیں اب کوئی غزل، شعر کوئی
چھا گیا حسنِ ترنم پہ بھجن کا پہلو

میں تو بس، دولتِ اخلاص کا شیدائی ہوں
اس لئے پیشِ نظر ہی نہیں دھن کا پہلو

ایک حسینہ ہے، تشدّد جسے کہتے ہیں عزیزؔ
گرم رکھتی ہے بہت اہلِ وطن کا پہلو
٭٭٭

فاضل جمیلی

وہ گل بدن مجھے اِتنی لگن سے یاد آیا
میں اپنے آپ کو اُس کی اَگن سے یاد آیا

کبھی جو ایک سفر نے تھکا دیا تھا مجھے
نیا سفر بھی اُسی کی تھکن سے یاد آیا

میں اپنے آپ سے بچھڑا وہ کارواں ہوں جسے
ہر ایک راہ نما راہ زن سے یاد آیا

رُلا گئے ہیں کتابوں سے ملنے والے خطوط
بس ایک نقش، نقوشِ کہن سے یاد آیا

خیال و خواب میں لپٹا ہوا بدن تھا کوئی
تمام عمر جو روح و بدن سے یاد آیا

میں خود کو بھول گیا تھا کلام کرتے ہوئے
یہ واقعہ بھی مجھے اِک سخن سے یاد آیا

دُعا سلام سے آگے بھی ربط ہیں کتنے کوئی دریچہ کھلا تو پون سے یاد آیا

پھر ایک بار دُعا مانگنے کا موسم ہے
گلی میں ناچتی پھرتی گھٹن سے یاد آیا

کسی کو ہنستے جو دیکھا تو آنکھ بھر آئی
وہ اس قدر مجھے چاہِ ذقن سے یاد آیا

وہ خوشبوؤں میں نہایا ہوا ملا تھا مجھے صبا مثال کسی پیرہن سے یاد آیا

نہ جانے کتنی نمازیں پڑھیں، دعا مانگی
کسی کو میں نہ کسی بھی جتن سے یاد آیا

مجھے بھی ایک نہ اِک دن غروب ہونا ہے
مجھے یہ صبح کی پہلی کرن سے یاد آیا

وہ بادہ خوار بلا کا تھا اور ولی بھی تھا
غزل کے باب میں کوئی دکن سے یاد آیا

میں ایک عالمِ وحشت کی خود فراموشی نہ دشت سے نہ کسی کوہ کن سے یاد آیا

یہی تو وقت ہے فاضل دیے جلانے کا
مجھے یہ کام کسی کے ملن سے یاد آیا
٭٭٭

محمود شام

عشق جینے کا ہے مقصد یعنی عشق ہر سانس کی آمد یعنی

عشق ہے صرف رضا و تسلیم عشق میں گرچہ نہ شاید یعنی

عشق رستہ بھی ہے منزل بھی ہے عشق رفتار بنا حد یعنی

عشق ہر قوم میں ہر مذہب میں عشق میں نہ کوئی سرحد یعنی

عشق میں وصل نہ فرقت کوئی عشق ہے حُسن کا معبد یعنی

عشق میں سب کو اماں ملتی ہے عشق ہے سایۂ برگد یعنی

عشق تو جزو سے کل مانگتا ہے عشق میں کچھ نہیں صد فی صد یعنی ٭٭٭

منظور ثاقب

لباس امن میں شاہیں کو فاختہ نہ سمجھ
شریف زادوں کو اتنا بھی نا رسا نہ سمجھ

جو حرف حق تھا ترے منہ پہ برملا ہے کہا
مری بلا سے اسے حرف باغیانہ سمجھ

تری شکست میں ممکن ہے تیرا حصہ ہو
تو اپنے آپ کو اس درجہ بے خطا نہ سمجھ

دلوں کے ٹوٹنے جڑنے کی سن صداؤں کو وجود ایک حقیقت ہے واہمہ نہ سمجھ

بہ نظر خاص پرکھ تو سدا جہاں کا چلن
روا روی میں ہر اک چیز کو روا نہ سمجھ

یہ نارسائی بھی بنتی ہے ایک وجہ کبھی
تو پارساؤں کو اتنا بھی پارسا نہ سمجھ

گھروندہ زیست کا ٹھہرا ہے عارضی ثاقب
اسے بس ایک ہی آندھی تک آشیانہ سمجھ
٭٭٭

منظور ثاقب

ہر ایک لفظ ہو مثل گہر دئیے کی لو!
مرے قلم میں تو ایسے اتر دئیے کی لو!

تو اپنے نیچے ذرا دیکھ کیا اندھیرا ہے
فراز بام سے اک پل اتر دئیے کی لو!

ادھر شعور کے آنگن میں جلترنگ بجے مرے خیال میں ابھری ادھر دئیے کی لو

دل و نظر کے اندھیروں کے رام کرنے کو
قسیم حسن سے لے شمہ بھر دئیے کی لو

ڈر ایسے شخص کے رد عمل سے تو جس کے
نہ کوئی پیٹ میں لقمہ نہ گھر دئیے کی لو

بہ فیض فیض رسانی مجھے یہ لگتا ہے تھرک رہی ہے کسی ساز پر دئیے کی لو

ستارا جگنو فرشتہ خدا دل انساں ہزار رنگ میں ہے جلوہ گر دئیے کی لو

بجائے لوری مجھے رزمیہ سناتی رہی مجھے جگاتی رہی رات بھر دئیے کی لو

وہی اجالوں کے ثاقب نقیب ٹھہریں گے
وظیفہ جن کا ہے شام وسحر دئیے کی لو
٭٭٭

ڈاکٹر سہیل ملک

فکرِ نا پیدا کراں دیکھ مجھے زورِ پروازِ گماں دیکھ مجھے

سوزِ رفتارِ زماں دیکھ مجھے ہے یہ بس میرا جہاں دیکھ مجھے

ہے نظر لائقِ دیدار کہاں دیکھ لے اُس کا نشاں دیکھ مجھے

دیکھ لے مجھ میں جہاں سارا تُو چھوڑ کر سارا جہاں دیکھ مجھے

ناز کر کاریگری پر اُس کی دیکھ یہ محشرِ جاں دیکھ مجھے

ان کہے پڑھ لے فسانے لاکھوں چھوڑ لفظوں کی زباں دیکھ مجھے

مقصدِ آدمِ خاکی یہ نہیں خوگرِ سود و زیاں دیکھ مجھے

میرے منصب کو نہیں زیبا تُو سانس لے میری فغاں دیکھ مجھے

تُو مجھے اور میں تجھے ڈھونڈے پھروں ناوکِ تشنۂ جاں دیکھ مجھے

توبہ توبہ مری توبہ اے خدا ہوں طلب گارِ اماں دیکھ مجھے ٭٭٭

زرقا مفتی

گلشن مرا ویران ہے ہر اک شجر بے جان ہے

پنچھی اُڑانیں بھر چکے آنے لگا طوفان ہے

سایہ ہی اپنے ساتھ ہے ہر اک ڈگر ویران ہے

بے نام ہے میری طرح قصہ بلا عنوان ہے

ظالم میرے حالات سے تو ہی ذرا انجان ہے

جھوٹے بہانے مت بنا جھوٹا ترا پیمان ہے

تجھ کو بھلا تو دوں مگر کیا بھولنا آسان ہے

دل کی تباہی دیکھ کر یہ عقل بھی حیران ہے

ملنا ہے اب تو موت سے باقی یہی ارمان ہے ٭٭٭

زرقا مفتی

ہم سے تھے سب ہی خفا سو چلے آئے گھر سے
کیسے بھولیں گے وہ آزار جو پائے گھر سے

روک لیتی ہے انا چار قدم چلتے ہی
یوں نہ لوٹیں گے منانے کوئی آئے گھر سے

دلِ ناکام کو تو اب بھی یہی حسرت ہے
کوئی اس کے لئے آنسو ہی بہائے گھر سے

اس ستم گر نے مجھے زخم دیا ہے ایسے وار کرتی ہو بلا جیسے پرائے گھر سے

جسے ملنے کی تمنا میں رُکی ہیں سانسیں
وائے حسرت کوئی اُس کو تو بلائے گھر سے

ہر طرف شور ہے ماتم کی صدا آتی ہے
کب ٹلیں گے یہ سیہ موت کے سائے گھر سے

آگ نفرت کی ترا گھر بھی جلا سکتی ہے دوسروں کو جو جلاتی نظر آئے گھر سے

حادثوں سے نہیں محفوظ خدا کا گھر بھی
پھر بھی دو چار نمازی نکل آئے گھر سے

دوڑ مادے کی اگر یوں نہ تھکائے ہم کو
بے سکونی کی وبا بھی چلی جائے گھر سے

ڈگریاں بکنے لگیں زر کے عوض مکتب میں
علم کا جو بھی خریدار ہے آئے گھر سے
٭٭٭

منظومات

لندن میں شہر زاد

زہرا نگاہ

شہر بغداد کی شہرزاد
مجھ کو لندن کے ایک چائے خانے کے اندر ملی
اس کا حلیہ ہی بدلا ہوا تھا
میں نے مذہب کی یکسانیت کا سہارا لیا
روایت کو تھاما
محبت سے پوچھا
تمہیں اپنا فن یادہے
داستانیں سُنانے کا فن
وہ فن جس سے مردہ دلوں کی کلی کھل گئی تھی
وہ فن جس سے ہر شب کسی ایک کو نئی زندگی مل گئی تھی

ذرا دیر کو چُپ ہوئی شہرزاد
پھر یوں گویا ہوئی
پوری دُنیا کی مانند تم کو خبرہی نہیں
شہر بغداد میں اب سماعت معطل ہوئی
لوگ کیا لفظ بھی مر گئے
اور مرا فن
سماعت کا لفظوں کا محتاج ہے
میں نے اجداد کی پیروی کی
راہ ہجرت پہ چلتی ہوئی میں یہاں آ گئی
شہر لندن بڑا مہربان شہر ہے
یہاں روز و شب تازہ وارد خلیفہ
موسموں کے تغیر کے ہمراہ
پرندوں کی مانند آتے ہیں
مجھ کو بلاتے ہیں
میرے ہر موئے تن سے نئی داستانوں کو سنتے ہیں
اور لوٹ جاتے ہیں
٭٭٭

کوئی تھی

زہرا نگاہ

شعاعوں میں ستارہ دیکھتی تھی
سویرے اُٹھ کے چہرہ دیکھتی تھی
نہیں تھی ماہ رو پر اپنے رُخ پر
ذہانت کا اُجالا دیکھتی تھی
شمار اس کا نہ تھا اہل نظر میں
مگر اچھوں سے اچھا دیکھتی تھی
لکیروں میں چھپے تھے چاند سورج
وہ مٹھی کھول کر کیا کیا دیکھتی تھی
وہ نقش پا سے تھوڑی منحرف تھی
بہت ہی صاف رستہ دیکھتی تھی
خیال آتے تھے اس تک گنگناتے
سُروں سے مل کر مکھڑا دیکھتی تھی
کبھی مصرعے سجاتی تھی اُٹھا کر
کبھی اشعار زندہ دیکھتی تھی
کھل جاتی تھی کلیوں کے بہانے
ہوا سے اپنا رشتہ دیکھتی تھی
بڑی خوش چشم تھی گلشن تو گلشن
وہ صحراؤں میں سبزہ دیکھتی تھی
در مہر و محبت اس پر وا تھے
وہیں سے سب علاقہ دیکھتی تھی
بہت دن سے نہیں دیکھا ہے اس کو
وہ جس کو ساری دُنیا دیکھتی تھی
٭٭٭

خُدا اور خلقِ خُدا

امجد اسلام امجد

یہ خلقِ خُدا جو بکھرے ہوئے
بے نام و نشاں پتوں کی طرح
بے چین ہوا کے رستے میں گھبرائی ہوئی سی پھرتی ہے
آنکھوں میں شکستہ خواب لئے
سینے میں دلِ بیتاب لئے
ہونٹوں میں کراہیں ضبط کئے
ماتھے کے دریدہ صفحے پر
اک مہر ندامت ثبت کئے ٹھکرائی ہوئی سی پھرتی ہے
اے اہلِ حشم اے اہلِ جفا
یہ طبل و علم یہ تاج و کلاہ و تخت شہی
اس وقت تمہارے ہاتھ سہی
تاریخ مگر یہ کہتی ہے
اسی خلقِ خُدا کے ملبے سے اک گونج کہیں سے اُٹھتی ہے
یہ دھرتی کروٹ لیتی ہےاور منظر بدلے جاتے ہیں
یہ طبل و علم یہ تختِ شہی سب خلقِ خُدا کے ملبے کا
اک حصہ بنتے جاتے ہیں

ہر راج محل کے پہلو میں اک رستہ ایسا ہوتا ہے
مقتل کی طرف جو کھُلتا ہے اور بن بتلائے آتا ہے
تختوں کو خالی کرتا ہے اور قبریں بھرتا جاتا ہے
٭٭٭

یہ جو وقت ہے مرے شہر پر

امجد اسلام امجد

یہ جو وقت ہے مرے شہر پر کئی موسموں سے رُکا ہوا
اسے اذن دے کہ سفر کرے
اسے حکم دے کہ یہ چل پڑے
کوئی چاند چہرہ کُشا کرے کوئی آفتاب ظہور ہو
کہ نواح چشم خیال میں وہ جو خواب تھے وہ دھواں ہوئے
وہ جو آگ تھی وہ نہیں رہی، جو یقین تھے وہ گماں ہوئے
کوئی دھُند ہے جسے دیکھتے مری آنکھ برف سی ہو گئی
وہ عبارتِ سرِ لوحِ دل، کسی ربط سے نہیں آشنا
کہ جو روشنی تھی کتاب میں وہی حرف حرف سی ہو گئی
کوئی گرد باد اُٹھے کہیں کسی زلزلے کی نمود ہو
یہ جو ہست ہے مرے چار سو، کوئی معجزہ کہ یہ ‘‘بود’’ ہو

مری آنکھ میں یہ جو رات ہے مری عمر سی اسے ٹال دے
مرے دشتِ ریگِ ملال کو کسی خوش خبر کا غزال دے
یہ فلک پہ جتنے نجوم ہیں ترے حکم کے ہیں یہ منتظر
وہ جو صبحِ نو کا نقیب ہو مری سمت اُس کو اُچھال دے
٭٭٭

جہاں زاد

ثمینہ راجہ

جہاں زاد
نیچے گلی میں ترے در کے آگے
یہ میں سوختہ سَر
حَسن کوزہ گر ہوں

جہاں زاد
الفت کی ماری، محل سے اتر، پا پیادہ
عَقب میں حسن کوزہ گر کے چلی
‘’واہموں کے گِل و لا کی جانب
کہ خوابوں کے سّیال کوزوں کی جانب’’
کہ جن کی چمک سے وہ نیندوں میں بھی مضطرب تھی

حَسن کوزہ گر اُس کو لایا تو بولا
جہاں زاد! اب تجھ کو رہنا ہے یاں
میری خدمت میں ہر وقت حاضر
کہ گویا تو ہے اب ‘’ گِل و رنگ و روغن کی مخلوقِ بے جاں ’’

حَسن کوزہ گر میرے پیارے! کہاں ہے ترا چاک
اور تیرے سارے ‘’گل و لا کے خوابوں کے سیّال کوزے
وہ کوزے ترے دستِ چابک کے پُتلے ‘’
کہ میں جن کی رنگت سے، خوشبو سے
نیندوں میں بھی مضطرب تھی؟

حَسن کوزہ گر نے ہٹایا نقاب اور اتارا لبادہ حَسن کوزہ گر کا
جہاں زاد دہشت سے چیخی
وہ جب ہوش میں آئی، اپنے تئیں اُس نے زنداں میں پایا
جہاں زاد اب ‘’پا بہ گِل، خاک بر سر، پریشان، ژولیدہ مو، سربہ زانو’’
تو بارہ برس پھر جہاں زاد خدمت میں حاضر رہی تھی

جہاں زاد انساں تھی لیکن وہ بارہ برس
‘غم کے قالب ‘ میں گزرے تھے
اور ‘’قاف کی سی افق تاب آنکھوں میں ‘’ اشکوں کا سیل‌ِ رواں تھا

وہ آہیں، وہ نالے، وہ زنداں سے باہر نکلنے کی خواہش
‘’گِل و لا کے سّیال کوزوں کی حسرت،

حَسن کوزہ گر تنگ آیا
اٹھا اپنی آہیں، اٹھا اپنے نالے، تمنّا کی وسعت، نکل جا چلی جا

حَسن کوزہ گر! اے حَسن کوزہ گر! اے مری جاں
یہ بارہ برس مجھ پہ اِس طرح گزرے
‘’کہ جیسے کسی شہرِ مدفون پر وقت گزرے ‘’

میں بارہ برس اور خدمت میں حاضر رہوں گی
اگر صرف اک بار مجھ کو دِکھا دے
‘‘صراحی و مینا و جام و سبو اور فانوس و گلداں
وہ اظہارِ فن کے سہارے ‘’ کہ میں جن کی چاہت میں
محلوں سے اتری تھی اور تیرے پیچھے چلی پا پیادہ،

نکل بے وفا! تجھ کو مجھ سے ہیں پیارے
وہ مہجور کوزے، وہ سوکھے تغار اور پیالے؟
وہ جن سے مرا دور کا بھی تعلق نہیں ہے
فضول اور بیکار لوگوں کا فن،

تب جہاں زاد چونکی
اتارے سلاسل اور اسباب باندھا
اٹھایا نقاب اور لبادہ حسن کوزہ گر کا
اسے چوم کر سر پہ رکھا

حَسن کوزہ گر دُزد کے بھیس میں اب بڑھا
اور چُرائے یقین اور بھروسا اور انگشتری
سارے اسباب میں بس یہی قیمتی تھا، جو چوری ہوا

تو بولا حسن کوزہ گر اب:
اٹھا اپنی خدمت، محبت، وفا، ساری بیکار چیزیں
مگر چھوڑ جا میرا اسباب، میرے ظروف اور صندوق
میرے زر و سیم اور پارچہ جات اور کفشِ رنگیں
چلی جا مگر چھوڑ جا میری چیزیں،

سو رخصت ہوئی
اور جہاں زاد اب جس محلے میں جا کر بسی
واں چھپا کر رکھے
اپنا نام و نسب، اپنی ناموس اور دل کے ٹکڑے

حسن کوزہ گر ایک دن
حاکمِ شہر کے بھیس میں اس محلے میں آیا
کہاں ہیں ترے دل کے ٹکڑے، ادھر پیش کر
یا ادھر لے کر آ اپنا نام و نسب اور ناموس
اور تیسرا راستہ بس یہی ہے
کہ چل اور کر پھر سے بارہ برس میری خدمت،

جہاں زاد روئی: حَسن کوزہ گر! دیکھ یہ میں ہوں، تیری جہاں زاد
میں تیری خاطر محل سےاتر پا پیادہ چلی آئی
بارہ برس تیری خدمت میں حاضر رہی
میں شب و روز، ہر پَل، ترے سامنے آئنہ تھی
مرے پاس محفوظ ہے اب تلک
وہ حسن کوزہ گر کا نقاب اور لبادہ
تو دونوں لبادے ( یہی دزد اور حاکمِ شہر کے
گر تلف کر دے تو میں تجھے دوں لبادہ حسن کوزہ گر کا
کہ تو لَوٹ کر جا سکے’’ اپنے مہجور کوزوں
گِل و لا کے سوکھے تغاروں کی جانب
معیشت کے، اظہارِ فن کے وسیلوں کی جانب

مگر شہر والوں کو اب کے حَسن کوزہ گر نے پکارا
اسے دیکھو، یہ فاحشہ ہے
میں اب اِس سے چھینوں گا
نام و نسب اور ناموس اور دل کے ٹکڑے،
یہ محلوں سے اتری، مرے پیچھے آئی، مگر اس سے پہلے
ہزاروں کو اس نے دریچے سے تاکا
مگر مجھ سا سادہ کوئی اور کب تھا
مجھے بوڑھے عطار یوسف کی دکاّن پر آخرِ کار پھانسا!
بھلا کون ہے یہ لبیب،
کہ جو ہاتھ میں پھول، آنکھوں میں آنسو لیے راستے میں کھڑا ہے؟
تو کیا اب مجھے حق نہیں ہے کہ میں اس کو برباد کر دوں ؟

تو پھر جوق در جوق بازار میں لوگ آئے
سبھی ہاں میں ہاں پھر حسن کوزہ گر کی ملانے لگے،
تب جہاں زاد اٹھی، سبھی دل کے ٹکڑے کیے جمع
قدموں میں رکھے حسن کوزہ گر کے
وہیں ساتھ رکھا نقاب اور لبادہ حسن کوزہ گر کا
فقط اپنا نام و نسب اور ناموس بقچی میں ڈالے
بغل میں دبائے، اندھیرے میں دزدانہ نکلی
وہ بچ کر لبیب اور حسن کوزہ گر سے
‘’تمنا کی وسعت کی کس کو خبر ہے ‘’
مگر۔ ۔ ۔ ۔
٭٭
ن م راشد مرحوم سے معذرت کے ساتھ
ان کے کرداروں کا استعمال، اپنے فسانے کے لیے
واوین میں راشد کی سطور ہیں
٭٭٭

نروان

ثمینہ راجہ

خدا نے مرے دل پہ جب ہاتھ رکھا۔ ۔ ۔ بتایا
‘’ ہر اک چیز غم ہے
حیات ایک نامختتم رنج کا سلسلہ ہے
یہاں خواہشِ زر کا
نام آوری کی تمنا کا حاصل
محبت کا، نفرت کا انجام۔ ۔ ۔ الم ہے’‘

خدا نے مرے دل پہ جب ہاتھ رکھا۔ ۔ ۔ بتایا
ہر اک شے گزر جانے والی ہے
پھل، پھول، سبزہ، سمندر، پہاڑ اور میداں
بہارو خزاں، ابروباراں، زمستاں
ہر اک جاندار اور بے جاں
مکاں، لامکاں۔ ۔ ۔ سب دھواں
سب گماں ہے’‘

خدا نے مرے دل پہ جب ہاتھ رکھا۔ ۔ ۔ بتایا
‘’ہر اک شے عدم ہے
یہ شمس و قمر۔ ۔ ۔ کہکشان و نجوم اور شام وسَحر
اور مہ و سال۔ ۔ ۔ اور وقت
ہر شے کا انجام۔ ۔ ۔ آخر فنا ہے
زمینوں، زمانوں سے آگے خلا ہے
ہر اک چیز زندہ۔ ۔ ۔ مگر ہر قدم۔ ۔ ۔ موت کی ہم قدم ہے

جو ہر شے عدم ہے
تو کس بات کا تجھ کو غم ہے
جو ہر شے گزر جانے والی ہے۔ ۔ ۔ آخر عدم ہے
تو پھر کیسا غم ہے
کہ جینے میں بھی موت دیکھی
جو راحت میں غم کا مزہ تو نے چکھا ‘‘

خدا نے یہ پوچھا
جب اس نے مرے آبلے جیسے دُکھتے ہوئے دل پہ
معجز نما ہاتھ رکھا
٭٭٭

طلسمِ غم نہیں ٹوٹا

یاسمین حمید

طلسمِ غم نہیں ٹوٹا
میں کب سے ہاتھ میں
کاغذ قلم تھامے
قطار اندر قطار
اُڑتے ہوئے لفظوں کو
موسم کے بدلے کا یقیں دلوا رہی ہوں
اور اپنی بات کی کم مائیگی پر ہنس رہی ہوں
زخم سے رستا لہو
پیڑوں پہ گرتی برف کی رنگت سے شرمایا ہوا
آہستہ آہستہ
چمکتے فرش پر جمنے لگا ہے
آسماں خالی ہے
پتھریلے ستارے
کاغذوں پر جا بجا بکھرے پڑے ہیں
اور سورج اس کے ماتھے پر چمکتا ہے
جو میری رات کا حصہ بھی مجھ کو دے نہیں سکتا
مرے غم
تجھ کو زندہ رکھنے والی ساعتیں
کیسی بلندی پر بنی تھیں
میرے غم
تو جسم و جاں کی قید سے باہر نکل
اس ہاتھ کو جا چوم لے
جس ہاتھ نے جبریل کے اُجلے پروں پر
میری بے مایہ دعاوں کے اثر کا باب لکھا تھا
تجھے شاداب لکھا تھا
مرے غم
تو مکمل ہے
تری تخلیق میرا معجزہ ہے
٭٭٭

تھوک دی میں نے یہ نظم

یاسمین حمید

تھوک دی میں نے یہ نظم
لو چاٹ لو اسے
اپنی لمبی زبان سے
میں نے صبر کیا
اور تمہارا نام بدل دیا
میں نے آگ پھانک لی
اور تمہیں سمندر نہ سمجھا
میں نے اپنے خاکستری رنگ پر غرور کیا
اور تمہارے خون کی رنگت پہ ہنسی
پی لیا میں نے اپنا آنسو
اور سوکھ گئی صحرا کی طرح
کاٹ لی میں نے رات
اور صبح کا انتظار نہ کیا
پھوڑ دیئے چراغ
اور جلا لئے ہاتھ اپنے
اُڑا دی ان کی راکھ
ساتویں آسماں پر
جہاں سے کوئی پلٹ کر آنا نہیں چاہتا
سیپیوں سے موتی چُن کر
اُچھال دیئے میں نے سمندر میں
اور بھر لیں کانچ سے اپنی مٹھیاں
تم نے کبھی خالص خون کی رنگت دیکھی ہے؟
نہیں یہ زخم نہیں
ڈھانپ دیا زخم کو
اور بھر دیا گھاؤ کو اپنے ہی گوشت سے
دان کر دیں اپنی آنکھیں
اور اپنے جسم کے ٹکڑوں سے
ایک اور انسان بنایا
اگر میں خُدا ہوتی
تو اس میں روح پھونک دیتی
٭٭٭

اے سال کی پہلی صبح بتا

حمیرا راحت

اے سال کی پہلی صبح بتا
کیا اُن کا مقدر بدلے گا
جو بجھتے دئیے کی صورت میں
جیون کی منڈیر پہ رکھے ہیں
اِک درد کی گٹھڑی سر پہ لئے
اِک دکھ کی چادر اوڑھے ہوئے
کسی غم کو رخصت کرتے ہیں
کوئی رنج نیا مل جاتا ہے
جو حرفِ دعا کو تھامے ہوئے
اپنے حصے کی ایک کرن
اُمید کے شہر میں ڈھونڈتے ہیں
جیتے ہیں اور نہ مرتے ہیں
چلتے ہیں اور نہ ٹھہرتے ہیں
اے سال کی پہلی صبح بتا
کیا میری اور میری جیسی
لاکھوں آنکھوں کے خواب کبھی
تعبیر کا سورج دیکھیں گے
وحشت کا رستہ روکیں گے
کیا کچھ لمحے ترے دامن میں
روشن ہیں ستاروں کی صورت
کیا کچھ پل ہیں تری مٹھی میں
خوش رنگ نظاروں کی صورت
کیا عشق نگر کے صحرا میں
روتی ہی رہے گی پیاس ابھی
کیا گھائل دل کے زخموں کو
مرہم کی رہے گی آس ابھی
اے سال کی پہلی صبح بتا…
٭٭٭

رب کعبہ

محمود شام

اس سے پہلے کہ شبِ تار کو دن لکھنے لگوں
اس سے پہلے کہ گھُٹن کو بھی سکوں کہنے لگوں
اس سے پہلے کہ میں حالات کا دم بھرنے لگوں
اس سے پہلے کہ ستم گر کا بھرم رکھنے لگوں

ربِ کعبہ مرے ہاتھوں سے قلم لے لینا
انگلیاں شل ہوں مری جسم سے دم لے لینا

اس سے پہلے کہ عقیدوں کی تجارت سیکھوں
اس سے پہلے کہ میں طاقت کی عبادت سیکھوں
اس سے پہلے کہ حقائق میں خیانت سیکھوں
اس سے پہلے کہ تعلق میں رذالت سیکھوں

ربِ کعبہ مرے ہاتھوں سے قلم لے لینا
انگلیاں شل ہوں مری جسم سے دم لے لینا

اس سے پہلے کہ میں الفاظ کی حرمت بیچوں
فکر کا سودا کروں ذات کی عزت بیچوں
عیش گزاروں کے عوض عزم کی قوت بیچوں
اس سے پہلے کہ میں ادراک کی دولت بیچوں

ربِ کعبہ مرے ہاتھوں سے قلم لے لینا
انگلیاں شل ہوں مری جسم سے دم لے لینا
٭٭٭

نوشتۂ پسِ دیوار

سرورعالم راز سرورؔ

یہ رنگ و بو، یہ نظارے، یہ بزم آرائی
نیاز و ناز و ادا، حسن، عشق، رعنائی
شباب نظم و غزل در پئے شکیبائی
مجھے یہ ساعتِ گُذراں کہاں پہ لے آئی؟

قرار دیکھ لیا، اضطرار دیکھ لیا
غم حبیب، غم روزگار دیکھ لیا
اداس چہروں پہ اُڑتا غبار دیکھ لیا
نوائے شوق کو بے اختیار دیکھ لیا
خزاں گزیدہ سا رنگِ بہار دیکھ لیا
گما ں دریدہ، یقیں تار تار دیکھ لیا
تمام عشوۂ حسن نگار دیکھ لیا
جنوں کا سجدہ سرِ کوئے یار دیکھ لیا
سوادِ عقل و خرد بے وقار دیکھ لیا
رہا نہ خود کا بھی پھر اعتبار، دیکھ لیا
کبھی جو دیکھا نہ تھا، بار بار دیکھ لیا
’’نہ ابتدا کی خبر ہے، نہ انتہا معلوم‘‘
نوشتۂ پس دیوار کیا ہے، کیا معلوم!
٭٭٭

ایک چہرہ

سرور عالم راز

یہ ایک چہرہ جو ہر جھروکے سے جھانک کر مجھ کو دیکھتا ہے
یہ مجھ پہ ہے خندہ زن کہ جیسے ہمیشہ میرا خدا رہا ہے!
میں سوچتاہوں کہ ابتدا ہے مری یہ چہرہ، کہ انتہا ہے؟

یہی حقیقت کی جستجو ہے، یہی محبت کی گفتگو ہے
کبھی یہ دنیا ہے آرزو کی، کبھی مداوائے آرزو ہے
کبھی ہے یہ بازگشت ہستی، کبھی یہ رنگ رگ گلو ہے
اسی کا شہرہ ہے قریہ قریہ، اسی کی آواز کو بہ کو ہے

نیاز و ناز و ادا و عشوہ، خرام یہ، بانکپن یہی ہے
ثواب ایمان و زہد یہ ہے، عذاب دار و رسن یہی ہے
شباب و شعر و سخنوری یہ، روایت فکر و فن یہی ہے
تماشۂ حسن و عاشقی کی ہری بھری انجمن یہی ہے

کبھی ہے پوشیدہ ہر نظر سے، کبھی زمانہ پہ یہ عیاں ہے
کبھی ہے موسم بہار کا اور کسی گھڑی روکش خزاں ہے
کبھی ہے یہ ذکر شام فرقت، کبھی یہ خلوت کی داستاں ہے
کبھی اساس یقیں ہے یہ اور کبھی یہ دنیائے صد گماں ہے

تمام حرف وفا یہی ہے، مقام جور و جفا یہی ہے
جسارتوں کی عطا یہی ہے، محبتوں کی سزا یہی ہے
یہی خطائے امید واری، دُ کھے دلوں کی صدا یہی ہے
اگر ہے اس خار زا ر ہستی میں کوئی اک نقش پا، یہی ہے!

ستم شعاری، فریب کاری کے سب طلسمی یہ کارخانے
حکایت غم، شکایت دل، اسی سے تازہ ہیں سب فسانے
اسی سے زندہ ہے ’آج‘ میرا اسی سے گذرے ہوئے زمانے
مری امیدیں، مری مرادیں، مری تمنا، مرے بہانے

مچلتی باہیں، سرکتا آنچل، کھنکتی پازیب، بجتے گھنگھرو!
غبار امید، شام ہجراں، اداس آنکھیں، چھلکتے آنسو!
تھکے قدم، سوگوار لمحے، حیا کی لرزش، بدن کی خوشبو!
وہ لذتوں کا سرو ر ہر دم، وہ وحشتوں کا ہجوم ہر سو!

یہ ایک چہرا جو ہر جھروکے سے جھانک کر مجھ کو دیکھتا ہے
یہ مجھ پہ ہے خندہ زن کہ جیسے ہمیشہ میرا خدا رہا ہے!
یہی تو ہے راز دان ہستی، یہی تو جام جہاں نما ہے!
میں سوچتا ہوں کہ ابتدا ہے مری یہ چہرا، کہ انتہا ہے؟
مرا یہ چہرا، ! مرا یہ چہرا !
٭٭٭

جامن۔۔جو سب پر اپنا رنگ چڑھا دے

صفدر ہمٰدانی

تم کو شاید یقین نہ آئے
میں جب اپنے کمرے کی کھڑکی سے باہر تکتا ہوں
تو سامنے جو اونچا سا درخت نظر آتا ہے
وہ جامن کا ہے
جس سے میری دوستی ہے اور جو میری ہر کہانی میں ہے
یاد ہے تم کو؟
تم نے بھی مجھ سے یہ ہی پوچھا تھا کہ
تمہاری اتنی کہانیوں میں جامن کا درخت ہر جگہ کیوں آ جاتا ہے ؟
تو سنو
یہ جامن کا درخت میرا آیڈیل ہے
اب بھی جیسے
وہ مجھ سے باتیں کر رہا ہو
ہاں میرا محبوب ہونے کے لیئے بھی تمہیں جامن کے درخت جیسا بننا ہو گا۔
اپنی فکر کے ذاتی پکے رنگوں والا
جو خود دھوپ میں رہے
اور لوگوں کو چھاؤں دینے والا
اور ہر موسم میں مسکرانے والا
کوئی بے دھیانی سے بھی پاس سے گزر جائے تو ٹپ سے اس کے پاس بیٹھ جائے
اور
اس سے ایسی باتیں کہہ دے جس سے وہ بھی جامنی رنگ میں رنگ جائے
جو کبھی اترے ہی نا
بس سکون اور طاقت کی علامت
یارم عمر گزر گئی
نہیں ملا کوئی بھی جو ساری باتوں پر پورا آنے والا ہوتا
ہاں میرے اس سرد اور خشک رویئے سے بہت سے لوگ دلبرداشتہ ہوئے
جو جانے انجانے میں مجھ سے محبت کرتے تھے
جن میں کچھ مجھ سے کہہ ہی نا سکے
اور جو کہہ بھی پائے تو انہیں بھی کیا ہی ملا
میرا معیارِ محبت مجھ سے بھی کہیں اونچا تھا
میرا محبوب مجھ سے ملنے کے لیئے بھی اپنے تخت سے زمین پر نہیں اترتا تھا
اور سچی بات مجھے کوئی غم بھی نہیں تھا
اور نا ہی قلق کہ مجھے ہی آخر کیوں نہیں ملتا
کہ میں جانتا تھا کہ اس کی وجہ بھی میں ہی ہوں
لیکن پیچھے ہٹنا سیکھا نہیں تھا
یارم کہہ دیا جو جی میں آیا اور صحیح لگا
میرا جامن نہیں ملا مجھے کبھی بھی
پر میرا یقین مجھے کہتا تھا
کہ ایک دن کوئی کہیں ہو گا جس کو میں جامن کہہ ہی لو ں گا۔
اور اب آج جو تم نے جامن کہا تو میں جیسے جی اٹھا
میرا وہ خواب جو میں نے سوتے جاگتے دیکھا تھا
سچ ہو گیا
کیسے بتاؤں کہ میرا جامن میرا انتظار، ۔ میرا صبر ہے، میرے اپنے ہونے کا ثبوت ہے
جس کو میری علاوہ کوئی نہیں جانتا
وہ واقعی میری اندر باہر سب رازوں سے واقف ہے
اسے سب پتہ ہے کہ میرے جسم کی ہر پیاس اسے ہی کشید کرتی ہے
اور میرے دل پر لکھا ہر کتبہ اسی کی کہانی کہتا ہے
اس میں اور مجھ میں کبھی حجاب نہیں رہا
مجھے وہ کبھی اپنے سے الگ دٍکھا ہی نہیں
میں اپنے جامن کو جیسے اس کی تخلیق سے پہلے سے جانتا ہوں
میرے ارد گرد والے خاموشی کی زبان میں کہتے ہیں
تم کو جامن مل گیا ہے
پکے رنگ والا
جس پر کوئی رنگ نہیں چڑھتا اور
جو سب پر اپنا رنگ چڑھا دیتا ہے
٭٭٭

ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں

عزیز بلگامی

چاہے جیسی بھی ہو شورشِ ایں و آں
ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں
داؤ پر لگ گیے ذہن و دل، جسم و جاں۔ ۔ ۔ امن کی فاختہ کھو گئی ہے کہاں
غم کا سینوں پہ ہے ایک کوہِ گراں۔ ۔ ۔ کھو چکی ہے متاعِ سکونِ جہاں
بم دھماکوں کی ہر گونج کے درمیاں
ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں
شر پسندی کا چھایا ہوا ہے فسوں۔ ۔ ۔ کیا لکھوں، کیا پڑھوں، کیاسنوں، کیا کہوں
سب کے پیشِ نظر بس ہے دُنیائے دوں۔ ۔ ۔ شہر کو میرے حاصل نہیں ہے سکوں
اب تو آگے بڑھے امن کا کارواں
ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں
جس کی تحویل میں تھی کتابِ مبیں۔ ۔ ۔ وہ ہدایت سے بیزار ہے بالیقیں
کیسے مامون ہو پائے گی یہ زمیں۔ ۔ ۔ نفس کے بت کدے میں جھکی ہے جبیں
مردِ مومن ملے گا مجھے اب کہاں
ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں
آشتی کے فلک پر شفق لائے ہیں۔ ۔ ۔ ہم کتابِ سکوں کا ورق لائے ہیں
ہم تو انسانیت کا سبق لائے ہیں۔ ۔ ۔ ’’صلحِ خیراً‘‘ کا پیغامِ حق لائے ہیں
دینِ فطرت کا پیغام لے کر یہاں
ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں
’’السَّلٰمَ‘‘ میں جس وقت تقدیم ہو۔ ۔ ۔ حکمِ رب ہے یہی، اِس کی تعظیم ہو
کوئی ضد ہو، نہ ہو برہمی ہی کوئی۔ ۔ ۔ صلح کی جو ہو تجویز، تسلیم ہو
ذہن و دل پر فقط امن ہو حکمراں
ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں
رب تعالےٰ کے گھر کا یہ اِنعام ہے۔ ۔ ۔ امن کا دوسرا نام اِسلام ہے
اور اگر ’’جَنَحُوْ لِسِّلْمِ جَنَہَا لَہَا‘‘۔ ۔ ۔ یہ ’’تَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہ‘‘ کا پیغام ہے
(قرآن میں سورۂ الانفال کی اکسٹھویں آیت میں ہے:’’ وَاِنْ جَنَحُوْ لِسِّلْمِ جَنَہَا لَہَاوتَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہ‘‘۔ ۔ ۔ اور اگر (دشمن) صلح و سلامتی کی طرف آمادہ ہیں تو تم بھی اِس پر آمادہ ہو جاؤ اور اللہ پر توکل کرو۔ ۔ ۔ ‘‘)
دینِ حق میں یقیناً ملے گی اماں
ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں
طاعتِ مصطفےٰ کی سعادت ملی۔ ۔ ۔ اور حدیبیہ کی ہم کو حکمت ملی
کیا یہ کافی نہیں مومنوں کے لیے۔ ۔ ۔ ’’حَسْبَکَ اللّٰہ‘‘ کی جب بشارت ملی
گو کہ ہم تو نہیں کوئی معجز بیاں
ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں
٭٭٭

پتنگ

منظور ثاقب

حقیر سا پتنگ ہوں
مزاج کا ملنگ ہوں
ہواؤں میں مرا گزر
کبھی ادھر ‘کبھی ادھر
ہوں بادلوں کا ہم سفر
مری نظر میں سربسر
یہ بستیوں کا جال بھی
یہ پستیوں کا حال بھی
بکھیرتا ہوں راحتیں
محبتیں ‘رفاقتیں
یہی خوشی کا راز ہے
نہ حرص ہے نہ آز ہے
ہوں مطمئن سرشت سے
ملی ہوئی بہشت سے
بس ایک پیچ و تاب ہے
بس ایک اضطراب ہے
کہ اس نظام کار میں
حیات کے مدار میں
یہ میری اپنی ڈور بھی
نہ میرے ہاتھ میں رہی
٭٭٭

دستورِ عمرانی

ڈاکٹر سہیل ملک

دلوں کو جوڑنا ہے روح کو تسخیر کرنا ہے
نیا دستورِ عمرانی ہمیں تحریر کرنا ہے

حق و باطل کا ہے یہ معرکہ ثابت قدم رہنا
ہر اک شیطان کو ابلیس کو نخچیر کرنا ہے

اُٹھیں اِس قوم کے مزدور اور معمار پھر جاگیں
ہے بکھرا آشیاں اپنا اسے تعمیر کرنا ہے

اُجالے بانٹنے ہیں اب ہمیں ہر گھر کے آنگن میں
شبِ رنجور کو دیجُور کو تنویر کرنا ہے

بھرو رنگوں سے اِس بے رنگ بستی کی سبھی گلیاں
ہمیں قائد کی ہر اک سوچ کو تصویر کرنا ہے

مٹانی ہے وطن سے اب ہر استحصال کی صورت
لُٹیروں سے نمٹنا ظلم کو نخچیر کرنا ہے

کئی جھوٹے دلاسوں نے کیا اس قوم کو نالاں
نہ پھر مایوس کرنا ہے نہ اب دلگیر کرنا ہے

مٹانے داغ ہیں اک انقلابِ فکر کو لا کر
ہمیں یہ پاک پرچم باعثِ توقیر کرنا ہے

خدا کے نام پر حاصل کیا تھا ملک یہ ہم نے
نظام اِس کا ہمیں قرآن کی تفسیر کرنا ہے

سنو اب تو ذرا اے کم نظر اور بے عمل لوگو
مقدر ہے وہی جس کو ہمیں تقدیر کرنا ہے
٭٭٭

نویدِ صبحِ انقلاب

ڈاکٹر سہیل ملک

دور منزل کہاں اب رہی دوستو اک رکاوٹ ہے یہ آخری دوستو

گر ہے مخلص، ہے سچا تو لبیک ہے اک نڈر کی ہو اب رہبری دوستو

آج آرام کا ذکر اچھا نہیں بے کلی دوستو، تندہی دوستو

چارہ گر ہیں تو چارہ گری کیجیئے شغل ہے کھیل تو پھر کبھی دوستو

آج ثابت قدم تم رہو جنگ میں ہے تمہارا ہی عہدِ نوی دوستو

وادیوں کے محافظ پریشاں ہیں کیوں پربتوں کی ہوئی کیا خودی دوستو

اُلجھنوں کے سرے ڈھونڈنے ہیں کئی کام ہی کام ہے سو ابھی دوستو

زندگی آج خونِ جگر سے ملے اب تو ہے کاہلی خود کُشی دوستو

آشیانہ طلبگارِ ترتیب ہے ایک تنظیم ہو دائمی دوستو

اب چمن کو ضرورت ہے ایثار کی مخلصی دوستو، سادگی دوستو

کیا ہے بھنورے کی دیوانگی میں بھلا آ کے دیکھو مری بیخودی دوستو ٭٭٭

برف کے پھول

فرحت پروین

خواب بھی چھینے ہیں بے خوابی نے
جاگتی رات کے شکنوں بھرے بستر سے اٹھی
سن کے اعلان سحر گھنٹوں سے گھڑیال کے میں
دھندلے شیشے سے بند کھڑکی کے
دور تک گھوم کے لوٹ آئی نظر
ایک مدھم سے اجالے میں سفیدی اوڑھے
مانند نقش تھی ہر شے ساکت
جیسے کہ صبح ازل ہو
کہ ابد کا کوئی لمحہ شاید
کوئی ذی روح نہیں ہے، کوئی آواز نہیں
جھاڑی سے جھانکتا بھورا خرگوش
سبزے پہ ٹہلتے معصوم ہرن۔ ۔ ۔ کوئی نہیں
جن کی چہکاروں سے معمور فضا رہتی تھی
اڑ گئے دور پرندے سارے
کوئی آواز نہیں
برف کی تہہ میں چھپے رستوں پر
کوئی رہ گیر نہیں
اور اعصاب کو کھاتا ہوا سناٹا یہ
روح میں اترا ہے وحشت بن کر
بڑی شدت سے اٹھی دل سے مرے یہ خواہش
کوئی آواز سنوں
کسی ذی روح کی آواز سنوں
جانے کس یاد کی گہرائی سے ابھرے کچھ لفظ
ذہن میں گونجے لبوں سے پھسلے
کتنی پاکیزہ و معصوم ہو تم
ان چھوئے برف کے پھولوں جیسی
جانے کیا جادو تھا ان لفظوں میں
ہو کے گلنار مہک اٹھے تھے رخسار مرے
٭٭٭

دستار

زرقاؔ مفتی

دستار سروں سے مہنگی ہے
کیا جان انا سے سستی ہے؟؟؟
یہ سوچ رہے دیوانے ہیں
بے مول ہیں ہم، اس دُنیا میں
کیا عمر گنوانے آئے تھے؟

یہ پوچھ رہے دل والے ہیں
اب بادِ صبا چلتی ہے کیا؟
کیا پھول میں خوشبو ہوتی ہے؟
کیا پنچھی چمن میں گاتے ہیں ؟
کیا چاند فلک پر سجتا ہے؟
کیا تارے بھی جھلمل کرتے ہیں ؟
کیوں رنگ نہیں ہیں خوابوں میں ؟؟

یہ کون سی دُنیا ہے یا رب؟
دل خالی ہیں ارمانوں سے
آزاد محبت وعدے سے
محتاج ہیں سب ہی پیسے کے
اب قدر نہیں ہے جذبوں کی
اب عشق ہے سب کو دولت سے
کیوں آس لگائے بیٹھے ہو
اب نوچ لو سپنے آنکھوں سے

آزار جو دل نے پالے ہیں
ہونٹوں پہ لگے اب تالے ہیں
ویران سی اپنی آنکھوں میں
کیوں ناچ رہی ہے وحشت سی
آسان ہے مرنا جینے سے
اے موجِ فنا اب لے لے جاں
٭٭٭

موت کی دستک

زرقا مفتی

گھنیری زُلف کے سائے
گلابی جام ہونٹوں کے
سبھی تھے منتظر کب سے
کہ تم اب لوٹ کے آؤ

مگر افسوس کہ تم نے
لگائی دیر آنے میں
ابھی کچھ روز پہلے ہی
کواڑوں پر مرے دل کے
ہوئی تھی موت کی دستک
مرے ویران سے دل نے
رسائی اُس کو دے دی تھی
یہاں اب اُس کا پہرا ہے
اندھیرا ہی اندھیرا ہے
سُنو تم لوٹ جاؤ اب
اُسی مصروف دُنیا میں
جہاں تم کو کبھی پہلے
نہ میری یاد آتی تھی
٭٭٭

نئے سال کی دُعائیہ نظم

شاہین رضوی

نذر احمد ندیم قاسمی

میرے خدا میری ارض پاک پر اب تک
وہ فصل گل نہیں اتری کہ جس کی خواہش میں
جگر کے خون سے لکھی گی تھیں تحریریں
میرے خدا میرے کتنے عظیم شاعر نے
گئی رتوں میں کبھی جس کے خواب دیکھے تھے
ابھی تلک نہیں مل پائیں انکی تعبیریں
میرے خدا میری ارض پاک پر اب تک
جوان بھائی و بیٹے شہید ہوتے ہیں
وطن کی گلیوں محلوں میں اور مساجد میں
یہ کیسے پھول سے بچے شہید ہوتے ہیں
میرے خدا میری ارض پاک پر ہر صبح
سہاگ کتنی ہی بہنوں کے اب اُجڑتے ہیں
کبھی کبھی کے حوادث کی کوئی بات نہیں
یہاں کے لوگ تو ہر روز و شب اجڑتے ہیں
میرے خدا مرے ہر ایک ہم وطن کے لیے
حیات جرم نہیں، زندگی وبال بھی ہے
یہاں کے لوگ رہیں مضطرب و رنجیدہ
عدو کی سوچ نہیں ہے یہ اس کی چال بھی ہے
میرے خدا میری ماؤں کے ناتواں کاندھے
جوان بیٹوں کے لاشے اٹھائے پھرتے ہیں
امن پسندوں کا جینا محال ہے لیکن
جو فتنہ گر ہیں وہی دندنائے پھرتے ہیں
میرے خدا میری ارض پاک پر اس سال
وہ فصل گل اتر آئے کہ جس کی خواہش میں
جگر کے خون سے لکھی گئی تھیں تحریریں
وہ خواب جو کہ مرے رفتگاں نے دیکھے تھے
خدا کرے کہ ملیں ہم کو ان کی تعبیریں
٭٭٭

نئے برس کا پہلا لمحہ

ڈاکٹر نگہت نسیم

میرے ہم نشین
نئے برس کا پہلا لمحہ دل آنگن میں اتر رہا ہے
میرے ہاتھ میں گزرے برس کی کچھ یادیں تھمی ہیں
اور ان یادوں میں میرے اچھے برے کئی پل ہیں
اور ان لمحوں میں۔ ۔ ۔
میرے ان گنت وہم جو دھڑکن کی صورت دھڑک رہے ہیں
میرے ان گنت اندیشے جو یہاں وہاں بکھرے ہوئے ہیں
شب کی تیسرے پہر مانگی ہوئی بےشمار دعائیں ہیں
میری بےشمار امیدیں جو دلاسا بن کر ساتھ رہی ہیں
اور۔ ۔ اور۔ ۔
میری ڈھیر ساری تمنائیں جو بےقرار کرتی رہی ہیں
ان سب سے جڑا ایک نام ہے
وہ نام تمہارا ہے
جو میرا سہارا ہے
سنو
میرے ہم نشین
میں نے
گزرے برس کو وہ سارے گزرے پل واپس کر دئے ہیں
بس ان سے جڑا تمہارا نام پاس رکھ لیا ہے
یہ سوچ کر دعا کے پلو سے باندھ دیا ہے
کہ
ہم نئے برس گزرے برس سے اچھی یادیں بنائیں گے
٭٭٭

بارش جب بھی یہاں برستی ہے

ڈاکٹر نگہت نسیم

کہا ہے تم نے
تمہاری جستجو کو پھر میری تلاش ہے
تمہاری لا مکانی کو میری ہی آس ہے
میری یاد بھی جیسے روح پہ خراش ہے
میری دوری بھی رکھتی تمہیں اداس ہے
اور یہ بھی لکھا ہے
بارش جب بھی یہاں برستی ہے
گیلی مٹی تم سے وہاں لپٹی ہے
لان میں پھول جتنے کھلتے ہیں
وہ سارے میری باتیں کرتے ہیں
گلہ بھی تم اچھا کر لیتے ہو
ایسا کیوں سب لکھ دیتے ہو
کتابیں میں کیسے اتنی پڑھ لیتی ہوں
لفظ، رمز جب کچھ نہیں سمجھتی ہوں
سنو جی
( تمہیں دھیان میں لا کر مسکرا رہی ہوں )
بارش، مٹی پھول، کتابیں
لفظ، رمز
سب نام تمہارے ہیں
یاد کے استعارے ہیں
ہر بار کہتی رہی ہوں کئی بار لکھتی رہی ہو
‘‘ میری جستجو کو اب کسی کی تلاش نہیں ’‘
پھر ایک بار وہی لکھ رہی ہوں
بکھرے لمحے سمیٹ رہی ہوں
تمہیں یاد ہے نا
( بھلا تمہیں بھی کیسے بھولا ہو گا )
وقت وعدہ
ایک پل جو تم یہاں چھوڑ گئے تھے
اسی وصال کے ایک پل میں
’‘تم’‘
میرے پاس ہی تو رہ گئے تھے
٭٭٭

ماخذ:
http://afsananumber.mizraab.org/blog/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مضراب، افسانہ نمبر