ماہنامہ حیات دہلی
مارچ 2010
متاعِ سخن
(علی بن متقی کی واپسی)
معین اعجاز
میں نے شرارتاً ’’علی بن متقی کی واپسی‘‘لکھ دیا ہے ۔ زیر نظر کتاب کا عنوان ہے ’’متاع سخن‘‘ جو در اصل مشہور شاعر اور ذہن جدید کے مدیر زبیر رضوی کے ادبی سفر کا جائزہ ہے اور اسے مشہور محقق و نقاد ڈاکٹر اسلم پرویز نے ترتیب دیا ہے۔ علی بن متقی کے تعلق سے میں نے جو ’’شرارت‘‘ کی ہے اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ کم و بیش تین دہائی قبل ان کی نظم ’’علی بن متقی رویا‘‘ کافی مقبول ہوئی تھی اور ہر طرف اس کا چرچہ تھا۔ کچھ لوگ تو زبیر رضوی صاحب ہی کو علی بن متقی کہنے لگے تھے۔بہر حال بات ہو رہی تھی متاع سخن کی۔ اس میں زبیر رضوی کے نصف صدی سے بھی زیادہ عرصہ پر محیط ادبی سفر کا جائزہ پیش کیا گیا ہے اور تمام باتیں ، مضامین، انٹرویوز، مباحثوں ، خطوط اور تبصروں کی شکل میں سامنے آئی ہیں ۔ زبیر رضوی کا تعلق امروہہ کے ایک علمی اور مذہبی خاندان سے ہے لیکن ان کی آزاد خیالی اور وسیع المشربی نے انھیں اس دائرے سے باہر نکال لیا۔ شاعری کا آغاز انھوں نے 50 کی دہائی میں ہی کر دیا تھا اور مشاعروں میں ان کی ’’مانگ‘‘ بھی دن بدن بڑھتی ہی گئی تھی۔ ان کی شاعری کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے اسلم پرویز لکھتے ہیں کہ:
’’1951 کے اوائل میں زبیر رضوی شاید پہلی مرتبہ مشاعرے کے علی گیرینز کے آزمائشی اسٹیج پر اس طرح نمودار ہوئے جیسے شدید سردی میں ’صبح نکلے ہے کانپتا خورشید‘۔ ان کا تعارف امروہہ کے ایک ہونہار نوعمر شاعر کے طور پر کرایا گیا۔ ‘‘
جس مشاعرے کا ڈاکٹر اسلم پرویز نے ذکر کیا ہے وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اسٹریچی ہال میں منعقد ہوا تھا۔ وہ ان کا پہلا مشاعرہ نہ بھی رہا ہو تو بھی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ان کے ادبی سفر کے ابتدائی ایام کی بات ہے۔ اس کے بعد تو انھوں نے پیچھے مڑ کر دیکھا ہی نہیں ۔ وہ مشاعروں میں شریک ہوتے تھے لیکن صرف مشاعروں کے شاعر بن کر نہیں رہ گئے۔ ادب میں انھوں نے اپنی ایک شناخت قائم کی۔ 1964 سے 2008 تک کے عرصے میں ان کے 9 شعری مجموعے شائع ہوئے۔ پہلا مجموعہ ’’لہر لہر ندیا گہری‘‘ تھا اور آخری ’’سبزۂ ساحل‘‘ ۔ 1988 میں وہ مجموعہ شائع ہوا تھا جس میں علی بن متقی والی نظم شامل ہے۔ اس کا عنوان ہے ’’پرانی بات ہے۔‘‘شاید اسی مجموعے نے ادبی دنیا کو زیادہ چونکا دیا تھا۔ شمیم حنفی اس کے بارے میں یوں رقم طراز ہیں :
’’سچ تو یہ ہے کہ زبیر نے ایک زمانے تک کسی کو علی بن متقی کی ہوا بھی نہیں لگنے دی جب کہ علی بن متقی کا سایہ زبیر کی اپنی شخصیت سے کہیں زیادہ لمبا ہے۔ علی بن متقی نے جتنی جگہ کی خاک چھانی تھی زبیر کی عمر شاید اس کا حساب نہیں کرسکتی ۔ جبھی تو چپ چاپ ایک ایسی انہونی اور بڑی واردات ہو گئی۔ لوگوں کو ہوش اس وقت آیا جب علی بن متقی کے نام و نسب کی جستجو انھیں زبیر رضوی تک لے آئی، گویا کہ یہ ایک سفر تھا۔ اونچے آسمانوں سے خاک و خطا کی اس وادی کی طرف جس کی حدیں متعین اور معلوم ہوتی ہیں ۔‘‘
بانو قدسیہ نے یہ رائے دی ہے:
’’علی بن متقی رویا ایک منظر ہے۔ متقی کی نگاہوں سے دیکھا ہوا، اداس مسجد، کا سنی کالے کبوتر اور خالی حوض کا منظر۔ زبیر رضوی نے خالی حوض کو گہرے رمز کے طور پر استعمال کیا ہے جو نا امیدی اور امید کے درمیان کی کیفیت ہے، جب انسان کی آنکھیں بھی نم ہوتی ہیں اور وہ مسکراتا بھی ہے۔ زبیر رضوی کے فکر و نظر کا کیمرہ منظروں کو محفوظ کرتا جاتا ہے.... یہاں زبیر فرد کے المیے کو قومی بے حسی اور عبرت کی کہانی بنا دینے میں بے حد کامیاب رہتے ہیں ۔‘‘ مناسب معلوم ہوتا ہے کہ جس نظم کا اتنا ذکر ہو اسے یہاں نقل بھی کیا جائے:
پرانی بات ہے
لیکن یہ انہونی سی لگتی ہے
علی بن متقی مسجد کے منبر پر کھڑا
کچھ آیتوں کا ورد کرتا تھا
جمعہ کا دن تھا، مسجد کا صحن
اللہ کے بندوں سے خالی تھا
وہ پہلا دن تھا مسجد میں کوئی عابد نہیں آیا
علی بن متقی رویا
مقدس آیتوں کو مخملیں جز دان میں رکھا
امامِ دل گرفتہ نیچے منبر سے اتر آیا
خلا میں دور تک دیکھا
فضا میں ہر طرف پھیلی ہوئی تھی
دھند کی کائی
ہوا پھر یوں
منڈیروں گنبدوں پر ان گنت پر پھڑپھڑاتے
کاسنی کالے کبوتر صحن میں نیچے اتر آئے
وضو کے واسطے رکھے ہوئے لوٹوں پہ
اک اک کر کے آ بیٹھے
امامِ دل گرفتہ پھر سے منبر پر چڑھا
جزدان کو کھولا، صفوں پر اک نظر ڈالی
وہ پہلا دن تھا مسجد میں
وضو کا حوض خالی تھا
صفیں معمور تھیں ساری
................
مجموعہ ’’پرانی بات ہے‘‘ کی یہ ایک نظم ہے۔ باقی نظمیں بھی اتنی ہی جاندار ہیں ۔ متاع سخن میں زبیر رضوی کی شاعری اور مختلف شعری مجموعوں پر ہندو پاک کے بیشتر ممتاز نقادوں اور اہل نظر کی آراء یکجا کر دی گئی ہیں ۔ شعری مجموعوں کے علاوہ زبیر رضوی کی متعدد نثری تصانیف بھی شائع ہوئی ہیں جن میں ’’گردش پا‘‘ (سوانحی یادداشتیں ) بھی شامل ہے۔ اس کے بارے میں مرحوم نثار احمد فاروقی نے بھی اپنا خیال ظاہر کیا تھا۔ وہ اس تصنیف کو سوانح عمری کے زمرے میں نہیں شامل کرتے لیکن نثر کا ایک اچھا نمونہ تسلیم کرتے ہیں ۔ لکھتے ہیں ۔
’’ہمیں تو آپ کی نثر آپ کی شاعری سے زیادہ جاندار اور با مزہ معلوم ہوتی ہے۔ زبیر کو اپنی بات پوری ادبی رعنائی کے ساتھ کہنے کا ہنر اور سلیقہ آل انڈیا ریڈیو کی27 سالہ ملازمت سے بھی ملا ہے۔ جہاں آدمی کا ذہن اور زبان دونوں گھڑی کی سوئی سے بندھے ہوتے ہیں ۔‘’
زبیر رضوی نے آل انڈیا ریڈیو میں ایک لمبا عرصہ گزارا ہے اور یہاں بھی اپنا گہرا نقش چھوڑا ہے۔ یہاں اپنی ایک اور ’’ شرارت ‘‘ کا ذکر کر دوں ۔ یہ اس زمانے کی بات ہے جب وہ ڈائریکٹر (اسپورٹس) تھے اور آکاش وانی بھون میں بیٹھتے تھے۔ میں اس وقت اردو سروس میں تھا۔ ایک رو زمجتبیٰ حسین رکارڈنگ کے لیے آئے تھے۔ وہ جب فارغ ہو چکے تو بولے ’’چلو علی بن متقی سے ملتے ہیں ‘‘۔ ہم دونوں ان کے کمرے میں گئے۔ وہ اپنی پی اے کو ڈکٹیشن دے رہے تھے۔ تھوڑی دیر بعد فارغ ہو گئے۔ ویسے بھی دفتر بند ہونے کا وقت ہو رہا تھا۔ وہاں سے نکل کر ہم تینوں کناٹ پلیس تک خراماں خراماں گئے۔ ہم نے پہلے ہی سے ایک ’’سازش‘‘ رچ لی تھی کہ آج انھیں بور کرنا ہے۔ بہر حال ہم کناٹ پلیس سے ایک آٹو رکشا پر ترکمان گیٹ پہنچے۔ زبیر صاحب اپنے ایک پرانے دوست کے یہاں لے گئے۔ وہاں سے ہم مرحوم کمار پاشی کے ایک شاگرد مہیش منظر کے گھر گئے ’’سازش‘‘ کے مطابق علی بن متقی کا ذکر چھیڑا گیا۔ اب زبیر صاحب اس نظم کے حوالے سے پاکستانی مشاہیر کی باتیں کرنے لگے۔ انھوں نے بطور ِ خاص بانو قدسیہ کا ذکر کیا۔ میں نے اسی دوران مجتبیٰ حسین کی طرف دیکھ کر آنکھ ماری۔ لیکن چوری پکڑی گئی یعنی زبیر صاحب نے میری یہ حرکت دیکھ لی۔ اس کے بعد وہ بالکل ہی خاموش ہو گئے۔ حالاں کہ میرا مقصد صرف یہ اشارہ کرنا تھا کہ ’’زبیر صاحب اب شروع ہو گئے۔‘‘لیکن شاید انھوں نے یہ سمجھا کہ ان کا مذاق اڑا یا جا رہا ہے۔ بخدا یہ بات نہیں تھی۔ ہم صرف یہ چاہتے تھے کہ وہ علی بن متقی کے بارے میں اسی موڈ میں بولتے جائیں ۔ بہر حال وہ تو ترکمان گیٹ اپنے گھر چلے گئے میں اور مجتبیٰ حسین رکشے سے آئی ٹی او آئے اور راستہ بھر اس واقعے پر ہنستے رہے۔ یہاں بات زبیر رضوی کی ہو رہی تھی لہٰذا بے ساختہ وہ واقعہ بھی یاد آگیا۔
زبیر صاحب آل انڈیا ریڈیو میں ایک سینئر افسر تھے اور بڑی شان سے انھوں نے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ۔ ان کی زندگی جدوجہد سے پر رہی ہے۔ وہ سیلف میڈ آدمی ہیں ۔ رٹائرمنٹ سے چند سال قبل انھوں نے ’’ذہن جدید‘‘ شائع کرنا شروع کیا۔ شائع ہوتے ہی اس رسالے نے ہندستان اور پاکستان کی ادبی دنیا میں اعتبار اور اونچا مقام حاصل کر لیا۔ یہ ان کی ذاتی محنت، لگن اور ادب سے ان کے اٹوٹ رشتے کا مرہون منت ہے اور آج بھی وہ ادبی دنیا کا ایک مقبول رسالہ ہے۔ جس میں ادب کے علاوہ تھیٹر، سنیما، مصوری اور موسیقی پر بھی مضامین اور جائزے شائع ہوتے ہیں ۔
’’میرے تخلیقی سروکار‘‘ کے عنوان سے زبیر رضوی کی جو تحریر اس کتاب میں شامل ہے اس میں انھوں نے پوری ایمانداری سے اپنا نظریہ پیش کیا ہے کہتے ہیں :
’’انسانی زندگی کے مشاہدے میں جو صورت میرے لیے سب سے زیادہ پریشان کن بنتی ہے وہ غریبی ، پھٹے پرانے کپڑوں میں بسر ہوتی بیمار زندگی ہے۔ انسانی غارت گری کے درپے کوئی بھی بہیمانہ عمل مجھے بے چین کر دیتا ہے اور انسانی زندگی میں جہاں کہیں بھی ’عشق ‘ کی سرشاری ملتی ہے تو رگوں میں خون اُچھلنے لگتا ہے۔ میرا عقیدہ ہے کہ سیاست انسانی دُکھ درد کو تماشائی کی آنکھ سے دیکھتی ہے اور شاعری انسان کے پورے دُکھ درد کا حصہ بن جاتی ہے۔‘‘
زبیر رضوی کے فن اور شخصیت پر بڑے سلیقے سے یہ کتاب (متاع سخن) ترتیب دی گئی ہے اور ان کی شاعری اور زندگی کے تقریباً تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ قیمت 250 روپئے ہے اور اسے ذہن جدید پبلی کیشن نے شائع کیا ہے۔ پتہ ہے :
ذہن جدید، پوسٹ باکس نمبر -9789، پوسٹ آفس نیو فرینڈس کالونی، نئی دہلی- 110025 ٭٭٭
بہ رضائے صنم
اشتیاق سعید
بس اسٹاپ پر سنّاٹا تھا۔ شاید بس ابھی ابھی گئی تھی، اب دوسری بس آدھ گھنٹہ سے قبل نہیں آنی تھی ۔ اندھیری اسٹیشن سے مِلّت نگر کے لیے محض دو ہی بسیں چلا کرتی تھیں ۔ میں آدرش نگر کے بس اسٹاپ پر کھڑا تھا ، مجھے اندھیری جانا تھا اور اندھیری سے ہی میرا روڈ کے لیے تین بائیس کی ویرار لوکل پکڑنی تھی ، فی الوقت پونے تین بج چُکے تھے اگر پانچ سات مِنٹوں کے دوران بس آ جاتی تو مجھے با آسانی مطلوبہ لوکل مِل جاتی ۔ غالباً اسی اضطراب میں بس اسٹاپ کے ایک سِرے سے دوسرے سرے تک ٹہلنے لگا تھا ۔ اس دوران کئی آٹو رِکشے میرے قریب سے گزر ے ا ن میں سے کئی ایک نے رفتار دھیمی کر کے میری جانِب پُر اُمید نِگاہوں سے دیکھا بھی اور مایوس ہو کر آگے بڑھ گئے۔ اسی اثناء میں قریب کی بِلڈنگ سے ایک سراپا قیامت حسینہ برآمد ہوئی۔ چُست جینس اور قدرے مختصر ٹاپ زیب تن کئے ہوئے تھی ۔ آنکھوں پر سیاہ مگر قیمتی دھوپی چشمہ تھا ، نفاست سے ترشی ہوئی زلفیں شانے پر بِکھری پڑی تھیں ، سرو قد ، مُتناسِب جِسم ، گورا عُنابی رنگ ، پیروں میں خوبصورت سی سینڈل ، کلائی میں سُنہری رنگ کی گھڑی ۔۔۔ یوں معلوم ہوتی تھی گویا کسی مجسمہ ساز کی انمول شاہکار ہو۔۔۔ وہ عین میرے قریب آ کر ٹھہر گئی ۔ کلائی اُٹھا کر گھڑی دیکھی ، پھر جیسے شیشہ سے شیشہ ٹکراتا ہے اُسکی آواز کھنکی ۔ ’’ ایکسکیوز می ‘‘۔
میں نے اُس شاہکار کی جانِب مست مگر ملائم نگاہوں کا جال ڈالا کہ کہیں میری نِگاہیں اُس کے گُداز و شفاف جِسم پر خراشیں نہ ڈال دیں اور نہایت ہی شائستگی سے استفسار کیا ۔
’’ کہیئے ‘‘ ۔
’’ اندھیری کے لیے بس ۔۔۔۔ ؟ ‘‘ ۔
’’ جی ‘‘ ۔ وہ اپنا جُملہ مکمل بھی نہ کر پائی تھی کہ میں نے مختصراً اُسکے سوال کا جواب دے دیا۔ پھر وہ خاموش رہی لیکن اُس کی نِگاہیں بدستور مجھ ہی پر ٹِکی رہیں ۔ پہلے تو میں نے کوئی خاص توجہ نہیں دی لیکن چند لمحے بعد ہی یک بہ یک مجھے محسوس ہو ا جیسے وہ میرا چہرہ پڑھنے یا میرے اندرون کا جائزہ لینے کی کوشِش کر رہی ہو ۔۔ میں گھبرا کر فوراً دو قدم آگے بڑھ گیا ۔
’’ ہیلو ‘‘ ۔
دوبارہ اُسکی کھنک دار آواز میری سماعت سے ٹکرائی ۔میں نے کنکھیوں سے اُس کی سمت دیکھا ، اُس کے لبوں پر معنیٰ خیز تبسّم رقصاں تھا ۔ میری گھبراہٹ سوا ہو گئی ، دِل ہولنے لگا کیونکہ میں بمبئی کی اِن حسین بلاؤں سے بخوبی واقف ہو چُکا تھا اور اسی آن دور سے آتے ایک تیز رفتار آٹو رِکشا کو ہاتھ دِکھا کر رُکنے کا اِشارہ دے دِیا ، وہ بجائے رُکنے کے اسی تیز رفتاری سے آگے بڑھ گیا شاید اُس میں سواری موجود تھی ۔
’’ ہیلو سلیم ‘‘ ۔
’’ آں ‘‘ ۔ میں چونک پڑا ۔۔ اُسکی جانِب استعجابیہ نِگاہوں سے دیکھا ، وہ بدستور مسکرا رہی تھی ۔
’’ پہچانا نہیں ؟ ‘‘ پھر اُس نے شیشہ سے شیشہ ٹکرایا ۔
’’ سوری ‘‘ ۔ میرے لہجے میں پشیمانی در آئی تھی جبکہ وہ قہقہہ بردوش ہو گئی تھی ۔
’’ ارے بُدّھو ، میں ریشماں ہوں ۔۔۔ جاوید بھائی جان کی سالی ‘‘ ۔
’’ اوہ تُم ! ‘‘ ۔جاوید بھائی کا نام سُنتے ہی یادداشت کی تمام دریں یک بہ یک وا ہو گئیں ۔
’’ اوہ ریشماں بائی گاڈ میں تصوّر بھی نہیں کرسکتا کہ تُم اس طرح میرے سامنے اچانک آن کھڑی ہو گئی اور میں تمھیں پہچان بھی نہ سکوں گا ، ویسے کافی صحت مند ہو گئی ہو پہلے کی بہ نِسبت ۔۔ اور پھر حُلیہ بھی تو تبدیل کر لیا ہے تُم نے ۔۔۔ ! ‘‘ ۔ وہ بجائے کچھ کہنے کے بس تبسّم کا سُر پھونکتی رہی اور میں شُدہ شُدہ اس سُر کے زیر اثر ماضی کی وسعتوں میں گُم ہوتا چلا گیا ۔
جاوید بھائی میرے ماموں زاد تھے ۔ مجھ سے دو سال بڑے ۔بنارس آکاش وانی پر اناؤنسر تھے ۔ گھر داماد کی شرط پر بنارس ہی میں ایک متوسط گھرانے میں شادی کر لی تھی ۔ جب بھی میرا بنارس جانا ہوتا میں جاوید بھائی سے ضرور ملتا ، ویسے جاوید بھائی سے ملنا نہ ملنا برابر تھا لیکن عرشی بھابی کی خدمت میں حاضری ناگزیر ہوتی ۔ اگر کسی سبب اُن سے بغیر مِلے گاؤں لوٹ آتا تو وہ خفا ہو جایا کرتیں ۔ آئندہ ملاقات پر بات تو کُجا ، گھنٹوں مُنہ پھُلائے رہتیں ۔ میرے لاکھ خوشامد درآمد پر بھی مجال کہ اُن کی خفگی کا بُت ٹوٹ جائے ! ایسے میں ریشماں میرے لیے معاون و مددگار ثابت ہوتی، وہ ایسی ایسی مسخرانہ حرکتیں کرتی ،ایسے ایسے لطیفے موزوں کرتی کہ گھر کے سبھی افراد ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو جایا کرتے ، بھابی بے ساختہ تو نہیں مگر زیرِ لب ضرور مُتبسّم ہو جایا کرتیں ۔۔ اُن دنوں ریشماں دھان پان سی الھّڑ دوشیزہ تھی ، باتونی تو اس قدر کہ اللہ کی پناہ ۔۔۔ بات بات پر مذاق اُس کا خاصّہ تھا ، حاضر دِماغی کا تو جواب ہی نہیں ۔ خواہ موضوع کوئی ہو تبادلۂ خیال میں اُسے کوئی دُشواری پیش نہیں آتی ۔ غالباً یہی وجہ تھی جو وہ مجھ سے کچھ زیادہ ہی گھُلی مِلی رہتی تھی ، جبکہ میں اُسے اندر ہی اندر چاہنے لگا تھا ، ممکن ہے وہ بھی مجھے چاہتی رہی ہو ۔ لیکن ہم دونوں نے کبھی اپنی چاہت کا برمِلا اظہار نہیں کیا تھا ۔
’’ سلیم ‘‘
’’ آں ‘‘ ۔ ریشماں کی آواز پر یک لخت ماضی سے رابطہ ٹوٹ گیا ۔
’’ کہاں کھو گئے تھے ؟ ‘‘ ۔
’’ کھویا کہاں تھا ، بس یوں ہی کسی کی تلاش میں ماضی کی پُر پیچ گلیوں میں جا نِکلا تھا ۔
’’ میں بھی تو جانوں ۔۔ بھلا کون ہے وہ خوش نصیب ؟ ‘‘اس نے پلکیں پٹپٹاتی استعجابیہ لہجہ میں پوچھ لیا۔
’’ میرے روبرو موجود ہے ‘‘ ۔
وہ چونک کر اپنے دائیں بائیں دیکھنے لگی تھی ۔ ’’ ایں ! یہاں تو میرے اور تمھارے علاوہ تیسرا کوئی بھی نہیں ‘‘۔
’’ ممکن ہے وہ تُم میں یا مجھ میں ہی کہیں موجود ہو ؟ ‘‘ ۔
’’ مطلب ! ‘‘ وہ سراپا استعجاب ہو گئی ۔
’’ مطلب وطلب چھوڑو اور بتاؤ کہ بمبئی کو کب سے آباد کیا؟‘‘
’’ افوہ سلیم ۔۔۔ یہیں کھڑے کھڑے سب کچھ جان لو گے یا کہیں اطمینان سے بیٹھ کے ۔۔۔! ‘‘
’’ Why not ، کیوں نہیں ! ‘‘ لمحہ بھر بھی ضائع کئے بغیر میں نے پیش قدمی کی چونکہ موضوع تبدیل کرنے کا شاید اس سے نادر موقع دوبارہ ہاتھ نہ آنے کا خدشہ تھا ۔
’’ بولو کہاں چلنا چاہو گی ؟ ‘‘ ۔
’’ جہاں مُناسب جانو ‘‘ ۔
’’ تو پھر ایسا کرتے ہیں اندھیری چلتے ہیں ، وہیں کسی ہوٹل کے فیملی روم میں بیٹھ کر جی بھر کے باتیں کریں گے ۔۔ کیوں ؟ ‘‘ ۔ میں نے اپنے والہانہ جذبات کا بھر پور اِظہار کیا لیکن وہ بجائے خوش ہونے کہ کچھ سوچنے لگی ۔ میں چند لمحات اُسکی سوچتی آنکھوں میں جھانکتا رہا پھراُس سے استفسار کیا ۔ ’’ کیا سوچنے لگیں ؟ ‘‘ ۔
’’ سوچ رہی ہوں بجائے اندھیری جانے کے کیوں نہ ہم چار بنگلہ چلے چلیں ؟ ‘‘ ۔
’’ کیوں ؟ وہاں کیا ہے ؟ ‘‘ ۔
’’ وہاں میرا غریب خانہ ہے ۔۔ میں سمجھتی ہوں غریب خانے پر ہوٹل سے زیادہ سُکون ماحول میسّر آئے گا ‘‘ ۔
’’ مگر وہاں تو تمھارے شوہرِ نامدار موجود ہوں گے !۔۔۔ دیکھو بھئی ریشماں ، تُم اور ہم برسوں بعد مِلے ہیں ، میں نہیں چاہتا کہ اِن انمول لمحات میں ہمارے درمیان شوہر جیسا کوئی بے مصرف شخص مُخِل ہو ‘‘ ۔
وہ میرے اس اندازِ گُفتگو پر بے ساختہ ہنس پڑی ۔ ’’ اجی قطاعً نہیں ، ایسے قیمتی لمحات میں تو میں خود شوہر جیسے فضول شخص کو قریب پھٹکنے تک نہ دوں ، غالباً اسی لیے انھیں شہر سے نہیں بلکہ مُلک ہی سے کھدیڑ رکھا ہے ‘‘ ۔
’’ کیا ! ‘‘ ۔ فرطِ حیرت سے میرا مُنہ کھُلا کا کُھلا رہ گیا ۔
’’ جی !وہ اِن دنوں جِدّہ کی کسی کنسٹرکشن کمپنی میں سِول انجینئر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ‘‘۔
’’ یعنی ۔۔۔ یعنی کہ ۔۔ ۔ تُم ۔۔ تُم تنہا رہتی ہو ؟ ‘‘ ۔
’’ ہاں ! لیکن اب تنہا نہیں رہوں گی ‘‘ ۔
’’ وہ کیسے ؟ ‘‘ میں سراپا سوال بن گیا ۔
’’ تُم جو مِل گئے ہو ‘‘ ۔ اور شرارت آمیز نِگاہوں سے مجھے یوں دیکھا کہ خواہ مخواہ میری نِگاہیں جھُکتی چلی گئیں ۔ ابھی میری نِگاہوں کی چِلمن اُٹھی بھی نہیں تھی کہ اُس کی شرارت اُنگلیوں میں در آئی اور میری کمر میں اُنگلیاں کھُبا کھُبا کر گُد گُدانے لگی ، ساتھ ہی ساتھ اپنی مترنّم آواز میں گُنگُنا بھی رہی تھی
تُم جو مِل گئے ہو تو جہاں مِل گیا ہے
ایک بھٹکے ہوئے راہی کو کارواں مِل گیا ہے
میں شروع ہی سے شرمیلا واقع ہوا ہوں لہٰذا شرم سے گڑا جا رہا تھا لیکن اُس پر اس کا مطلق اثر نہ تھا ۔ وہ تو اچھا ہوا کہ بس آ گئی اور میں اُسے کھینچتا ہوا بس میں سوار ہو گیا ۔
ایک سات منزلہ عمارت کی پانچویں منزل پر ریشماں کا تین کمروں پر مشتمل خوبصورت اور کُشادہ فلیٹ تھا ۔ فلیٹ میں داخِل ہوتے ہی اُس نے اعلان کر دیا کہ آج میں سارا دِن ساری رات کے لیے اُس کا مہمان ہوں ، چُنانچہ کہیں اور آنے جانے کے تعلق سے قطعاً نہ سوچوں ، اگر کسی سے مِلنا از حد ضروری ہو یا کسی سے کوئی Appointment ہو تو بذریعہ ٹیلی فون اُس سے معذرت طلب کر لوں ۔ اُس نے اس والہانہ اور پُر خُلوص لہجہ میں کہا تھا کہ میں چاہتے ہوئے بھی کوئی عُذر پیش نہ کرسکا۔
چائے ناشتہ سے فراغت کے بعد ہم بے تکلّفانہ گُفتگو میں کچھ اس قدر محو ہوئے کہ وقت کے گُزرنے کا احساس ہی نہ رہا ، چونکہ وہ بے تُکان بولتی رہی تھی ، اپنے تعلق سے ، جاوید بھائی کے تعلق سے ، اپنے شوہر کے تعلق سے اور نہ جانے کِن کِن موضوعات پر روشنی ڈالتی رہی تھی۔ میں بھی بغیر کسی اُکتاہٹ کے اُس کی کھنکتی آواز،بولنے کے انداز ، چہرے پر اُبھرتے معدوم ہوتے تاثرات ، پلکوں کے زیر و بم اور نِگاہوں کے غمزوں سے محظوظ ہوتا رہا تھا کہ اچانک فون کی گھنٹی بج اُٹھی ۔ اس نے ہی اپنے نُطق کے شیشوں کو کھنکاتی ایک نِگاہِ غلط ٹیلی فون کی جانِب ڈالی اور دفعتاً چونک کر اُٹھ کھڑی ہوئی ۔
’’ اُف اللہ آٹھ بج گئے ‘‘ ۔ اُس نے ٹیلی فون کے ساتھ رکھی ٹیبل واچ دیکھ لی تھی ۔ ریسیور اُٹھانے سے قبل مجھ سے معذرت چاہی اور یہ بھی بتایا کہ فون کال غالباً دہلی دربار ریسٹورنٹ سے ہے ۔ واقعی کال ریسٹورنٹ ہی سے تھی ۔ وہ مجھ سے کچھ پوچھے بغیر کئی پکوان کے آرڈر نوٹ کروا رہی تھی اور فون کا سِلسِلہ منقطع کرتے ہی جھٹ کِچن کی جانب لپکی ، پلک جھپکتے ہی دو خالی گلاس ، دو سوڈا واٹر کی یخ بوتلیں اور ایک وہسکی کی بوتل لیے وارِد ہوئی ۔ میں چونک پڑا ۔ حیرت سے میری آنکھیں پھیل گئیں ۔ ’’ ریشماں ! یہ کیا ! ! ‘‘ ۔
وہ ٹی پائی پر تمام لوازمات قرینے سے رکھتے ہوئے قدرے رسان سے بولی ۔
’’ یہ زندگی کی بے کیفیوں کو کیف آگیں بنانے کا نُسخہ ہے ‘‘ ۔
’’ لیکن ۔۔۔ ریشماں تُم ۔۔۔ ؟ ‘‘ ۔
’’ ہاں میں ! ‘‘ ۔ اُس نے لفظ ’ میں ‘ پر کچھ اس انداز سے زور دیا تھا گویا ’ میں ‘ واحد متکلّم نہ ہو کر بہت سے معنوں کا مُخزن ہو ۔
وہ اندر کسی کمرے میں چلی گئی تھی اور مجھے اپنے آپ سے خِجالت سی محسوس ہونے لگی تھی ، ضمیر ملامت کرنے لگا تھا کہ مجھے ریشماں سے ایسے نہیں کہنا چاہئیے تھا کیونکہ ریشماں اب وہ بنارس والی ریشماں نہیں رہی ، وہ بمبئی جیسے میٹرو پولیٹین سِٹی کی ہائی فائی سوسائٹی میں آن بسی ہے جہاں مرد و زن کا شراب سے شُغل معیوب نہیں سمجھا جاتا حتّیٰ کے جِسموں کی نُمائش نیز جنسی آزادی کو مشترکہ تہذیب کا ایک حِصّہ تصوّر کیا جاتا ہے ۔ریشماں جب دوبارہ کمرے میں وارِد ہوئی تو لباس تبدیل کر چُکی تھی ، کسا ہوا جینس اور ٹاپ اُتار کر گلابی رنگ کی جھینی سی نائٹی زیبِ تن کر لی تھی ۔ غالباً چہرہ دُھل جانے کی بِناء غازہ کا اثر جاتا رہا تھا چنانچہ شباہت میں غیر معمولی تبدیلی در آئی تھی ، پہلی نظر میں تو مجھے پر کسی دوسری خاتون کا گُمان ہوا تھا ۔ میں نے اس کا برملا اِظہار بھی کر دیا تھا اوراس نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے کی بجائے محض مُسکرانے پر اِکتفا کر لی ۔
رات کے کس پہر تک ہم کھاتے پیتے رہے اس نے مجھے کچھ ہوش نہیں ۔ ہاں ! ہوش جب بحال ہوا تو دِن چڑھ آیا تھا اور ہم بستر میں یوں گُتّم گُتّھا تھے جیسے میاں بیوی ۔۔ ! میں نے خود کو اس تیزی سے بستر سے علاحِدہ کیا گویا جِسم سے بجلی کا ننگا تار مس ہو گیا ہو ۔ وہ بھی چونک کر اُٹھ بیٹھی تھی اسی آن مجھے اپنی ستر پوشی کا خیال آیا جب کہ وہ اب بھی مجھے ہوس ناک نگاہوں سے تک رہی تھی اور میں تھا کہ شرم سے گڑا جا رہا تھا۔ مجھ میں اُس سے نگاہیں ملانے کی تاب نہیں رہی تھی ، لاشعوری طور پر اپنے چہرے پر کالک کا گمان ہونے لگا تھا ، تنفّس میں بے ترتیبی در آئی تھی ۔ وہ چند لمحات یوں ہی میری متغیّر کیفیت سے محظوظ ہوتی رہی پھر ایک ادا سے دونوں ہاتھوں کو اُٹھا کر ایک طویل انگڑائی لی اور پلک جھپکتے ہی مجھے بستر میں ۔۔۔۔۔ !
پھر تو میں باقاعدہ طور پر ریشماں کے ساتھ اُس کے فلیٹ میں رہنے لگا تھا ۔ دِن بھر اپنے روزگار میں اُلجھا رہتا لیکن شام ہوتے ہی میرے اندرون میں ایک طرح کی کشمکش جاری ہو جاتی ، دِل مضطرب ہو جاتا ، حلق میں چُبھن سی ہونے لگتی ، لبوں میں جنبش در آتی ، جِسم کسی گُداز جِسم کا تعارف چاہنے لگتا ۔ غرض کہ چند ہی دنوں میں میرا رگ رگ شراب و شباب کا عادی ہو گیا تھا ۔
ادھر کسی وجہ سے میرا گاؤں جانا ناگزیر ہو گیا تھا مگر ریشماں مجھے یوں چھوڑنے پر قطعاً تیار نہ تھی ۔ حالانکہ مجھے بھی اُس کی جدائی کھل رہی تھی۔ چونکہ معاملہ کچھ زیادہ ہی پیچیدہ تھا چنانچہ دِل پر جبر کرنا پڑا ،ریشماں نے بھی چار و ناچار دِل کو سمجھا لیا اور کُرلا ٹرمینس تک مجھے الوداع کہنے آئی تھی ۔
گاؤں کے معاملات نِمٹانے میں مجھے مہینہ بھر کا عرصہ لگ گیا ۔ اس مدّت میں ریشماں کی جُدائی دِل پر شاق گُزرتی رہی ۔ اس دوران شاید ہی ایسا کوئی لمحہ رہا ہو جو ریشماں کی طلب کے بغیر گُزرا ہو۔بہر کیف ! جوں ہی واپسی کا جواز بنا پہلی فرصت میں ٹکٹ ریزرو کروایا اور اسٹیشن ہی سے بذریعہ فون ریشماں کو اپنی آمد کی نوید سُنائی ۔ وہ تو سُنتے ہی مارے خوشی کے باؤلی ہو گئی اور فون ہی پر ایک طویل بوسہ دے مارا ۔ حالا نکہ اُس کے بوسے کا لمس مجھے محظوظ نہ کرسکا البتّہ بوسہ کے تصوّر نے ایک طرح کا غیر مانوس حِظ ضرور عطا کیا تھا۔ اِن لمحات میں میری سوچیں مُتحرّک ہو گئی تھیں کہ کاش! مواصلاتی نظام میں کچھ ایسے بھی آلات ایجاد میں آ جاتے جو بوسوں اور دیگر لمس کا احساس طوالت کے باوجود ایک دوسرے کے ما بین جگانے میں کارآمد ہوتے ۔
کال بیل کی سوئچ پر اُنگلی کا پور مس کرتے ہوئے سارا جِسم ریشماں کے گداز جسم سے مس ہونے کے لیے بےتاب ہو گیا۔ دماغ نے سوچا ، وہ جوں ہی کِواڑ کھولے گی اُسے بانہوں کے حلقے میں دبوچ لوں گا اور اُس کے لب ہائے گُلگوں پر اپنے تِشنہ لبوں کی مُہر ثبت کر کے اس طویل جُدائی کا ازالہ کر لوں گا ۔دِل نے بھی تائید کی ، ساتھ ہی اندر لیچ کھُلنے کی ہلکی سی کِلِک سُنائی دی ۔ دِل بے اختیار ہو گیا ، اندرون میں ایک سرد لہر سی دوڑ گئی ، آنکھوں میں ایک عجیب سی سرسراہٹ در آئی ۔ کِواڑ کُھلا، دِل جو بلّیوں اُچھل رہا تھا ، یکلخت تھم سا گیا کیونکہ دروازہ پر ریشماں کی بجائے ایک دراز قامت خوبرو مرد آنکھوں میں انبساط اور ہونٹوں پر دِل آویز تبسّم بکھیرے موجود تھا ۔گو میرے سارے جذبات سرد پڑ گئے تھے ۔ چہرے پر ہوائیاں اُڑنے لگی تھیں اور آنکھوں میں خفت کے سائے لہرانے لگے تھے ۔ لمحہ بھر کو خیال آیا کہ کہیں غلط دروازے پر تو نہیں آگیا ، لیکن اگلے ہی پل دماغ نے باور کرایا کہ دروازے پر نام کی تختی ریشماں ہی کی ہے ۔ ابھی اسی اُدھیڑ بُن میں تھا کہ مر د کی آواز میری سماعت سے ٹکرائی ۔
’’ آداب عرض ہے سلیم صاحب ! ‘‘
میں نے چونک کر مرد کے چہرے پر اپنی نگاہیں مرکوز کر دیں ۔ تبسّم اب بھی اُس کے لبوں پر رینگ رہا تھا ۔
’ سلیم صاحب ۔۔۔ آخِر غچّہ کھا گئے نا آپ؟ آئیے ۔۔۔ اندر تشریف لے آئیے ‘‘ ۔
اور لپک کر بیگ جو میرے قدموں میں پڑا تھا اُٹھا لیا ، میرے حواس بجا نہ تھے ۔۔ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سلب ہو چُکی تھی تاہم میں نے جھٹ اُس کے ہاتھ سے اپنا بیگ تھامتے ہوئے قدرے لجاجت سے کہا ۔
’’ جی شُکریہ ! ‘‘ ۔
’’ اجی شُکریہ کس بات کا ؟ یہ تو ہمارا فرض ہے ۔۔۔ ‘‘ ۔
اس دوران اندر کچن سے ریشما ں کی آواز گونجی ۔ ’’ کون ہے جی ؟ ‘‘ ۔
’’ آپ کے رفیق ِ دیرینہ جناب محمد سلیم صاحب تشریف لا چُکے ہیں ‘‘ ۔
’’ کیا ! سلیم آ گئے ‘‘ ۔ اور لپک جھپک یوں ہی آٹے میں سنا پُتا ہاتھ لیے فوراً دروازے پر آن پہنچی ، مجھ سے نگاہیں مِلتے ہی نہال ہو گئی ، میری کلائی تھام کر تقریباً کھینچتے ہوئے اندر لے آئی اور مجھے صوفے پر دھکیلتے ہوئے دھم سے خود کو میرے پہلو میں گِرا لیا۔
’’ بتاؤ سلیم کیسے رہے اتنے دِنوں ؟ خیریت سے تو تھے نا ؟ میں یاد آتی بھی تھی یا ۔۔۔ وہاں کوئی ۔۔؟‘‘
وہ تھی کہ بے تکان بولے جا رہی تھی اور میں تھا کہ مارے شرم کے اپنے ہی وجود میں گڑا جا رہا تھا ، چونکہ وہ مرد ہمارے عین سامنے ہی کرسی پر براجمان تھا ۔ میں نے ایک بار اُس کی جانِب دیکھا پھر انایاس ہی میری پلکیں جھُکتی چلی گئیں تھیں ، احساس پر ایک عجیب سی خِفت طاری ہو چلی تھی ، نتیجتاً مساموں سے ننّھی ننّھی بوندیں اُبل پڑیں اور دیکھتے ہی دیکھتے سارا جِسم پسینے سے شرابور ہو گیا ۔ ریشماں میری اس کیفیت سے لرز اُٹھی ، فوراً نبض ٹٹولی ، پیشانی پر ہتھیلی کی پُشت رکھتے ہوئے نہایت ہی اپنائیت سے پوچھا ۔
’’ سلیم ۔۔ جی تو اچھا ہے نا ؟ ‘‘ ۔
’’ ہاں ! ۔۔۔ ذرا پنکھا کھول دو گرمی ہو رہی ہے ‘‘ ۔
وہ اُٹھ کر سوئچ بورڈ کی جانِب لپکی تھی کہ مرد اُس کے سوئچ بورڈ تک پہنچنے سے قبل ہی سوئچ آن کر چُکا تھا ۔ ریشماں مرد کا شُکریہ ادا کرتے ہوئے دوبارہ میری جانِب متوجہ ہوئی ، وہ ابھی کچھ کہنا چاہ رہی تھی کہ میں اُس وجیہہ مرد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بول پڑا ۔
’’ ریشماں پلیز ۔۔۔ محترم کا تعارف تو کرا دو ‘‘ ۔
’’ اوہ مائی گاڈ ! میں بھی کیسی باؤلی ہو گئی تمھیں دیکھ کر سلیم کہ تعارف کا خیال ہی ذہن سے جاتا رہا ۔ ویسے ابھی تُم نے انھیں محترم کہ کر خطاب کیا ہے نا ؟ ‘‘ ۔
’’ ہاں ! ‘‘ میں نے لاشعوری طور پر سر کو جنبش دی ۔
’’ تو یہ جان لو کہ آپ واقعی محترم ہیں ، میرے لیے بھی اور تمھارے لیے بھی ! ۔۔ میرے لیے یوں کہ یہ میرے خدائے مجازی ہیں ۔۔ اور تمھاری لیے یوں کہ تمھاری عزیزہ ۔۔ تمھارے دوست کے رفیقِ حیات ہیں ۔۔۔ مِسٹر آفاق قادری !۔ ۔۔ میرا خیال ہے کہ آفاق کو تمھارے تعلق سے بتانے کی چنداں ضرورت نہیں کیونکہ میں نے انھیں شُدہ شُدہ سب کچھ بتا دیا ہے ۔
’’ سب کچھ ! ‘‘ ۔ فرط ِ حیرت سے میرے لب وا ہو گئے ۔
’’ ہاں سب کچھ ! ‘‘ ۔ ریشماں آفاق کی جانِب معنیٰ خیز نگاہوں سے دیکھتے ہوئے زیرِ لب مُسکرائی۔
’’ مطلب ! ‘‘ ۔
’’ مطلب وہ کچھ بھی جو مجھے اِن سے نہیں کہنا چاہئیے تھا ‘‘ ۔ آفاق نے بہ ظاہر قدرے متانت سے کہا مگر چہرے پر سنجیدگی کا ملمّع زیادہ دیر قائم نہ رکھ سکا اور بے اختیار ہنس پڑا۔ جبکہ میں خواہ مخواہ ہی خِجل سا ہوا ُٹھا ۔غالباً ریشماں نے میری خِجالت کو محسوس کر لیا اور آفاق کے بے محل ہنسنے پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے ہم گویا ہوئی ۔
’’ آفاق ۔۔۔ سلیم فی الوقت ہمارے مہمان ہیں اور مہمان نوازی کے کچھ اپنے آداب ہوتے ہیں ‘‘ ۔
’’ کچھ کیا ۔۔ آداب تو بہت سے ہوتے ہیں اور وہ سارے آپ ہی کو بجا لانے ہیں ، چونکہ بندہ تو خود آپ کی میز بانی میں ہے ۔۔ کیوں سلیم صاحب بجا فرمایا نا ہم نے ؟ ‘‘ ۔
’’ بالکل ۔۔ بالکل درست فرمایا آپ نے ۔۔۔ ہر وہ شخص جو عرصہ¿ دراز کے بعد گھر لوٹتا ہے چند دنوں تک اُس کی حیثیت اپنے گھر میں بھی مہمان کی سی ہوتی ہے ‘‘ ۔
’’ اب بھلا بتائیے ، محترمہ تو مجھے مہمان تسلیم ہی نہیں کرتیں ۔ اچھا ہوا آپ آ گئے سلیم صاحب ، کم از کم آپ کی صحبت میں ہم بھی اِن کی میزبانی سے لُطف اندوز ہوسکیں گے ‘‘ ۔
آفاق کی اس بذلہ سنجی نیز زندہ دلی سے میں قدرے متاثر ہوا ، ساتھ ہی ساتھ مجھے اُس پر بے اختیار ترس بھی آیا کہ وہ ایک ایسی جِنس زدہ بیوی کا شوہر ہے جو اُس کی غیر موجودگی میں ۔۔۔؟ اِن لمحات میں مجھے ریشماں نہایت کریہہ اور گھناؤنی معلوم ہونے لگی تھی ۔ جبکہ آفاق کی معصومیت اسکی سادہ لوحی میر ے دِل میں گھر کر گئی اور میں نے گھنٹہ بھر میں ہی اُس سے ایسی دوستی گانٹھ لی جیسے ہم برسہا برس کے دوست ہوں ۔۔۔ایک دوسرے کے سُکھ دُکھ کے ساتھی ! ۔
آفاق کے جِدّہ واپسی کا ٹِکٹ جس روز میں اُس سے مِلا تھا اُس کے ساتویں دِن کا تھا اور یہ ساتوں دِن وہ میرے ہی ساتھ ساتھ رہا ۔ ڈھیر ساری باتیں ، ہنسی مذاق اور چھیڑ چھاڑ کرتا رہا جو کہ اُس کا خاصہ تھا ۔ کئی معاملات میں اُس نے مجھے اپنا راز دار بھی کر لیا ۔لیکن اُس نے ریشماں کے تعلق سے کوئی تشکیک آمیز بات نہیں کی ۔ البتّہ جب بھی ریشماں کا ذِکر چلتا وہ بس اُس کا بکھان ہی کرتا اور ایسے میں مجھے بے حد کوفت ہوتی ۔ کبھی کبھی تو ذہن جھنجھنا اُٹھتا ۔۔ جی میں آتا کہ اپنے اور ریشماں کے درمیان قائم ناجائز تعلقات کا راز اُس پر آشکار کر دوں ، لیکن میں ایسا کرنے سے معذور تھا چونکہ ایسا کر کے خود کو اُس کی نگاہوں کی بلندی سے گِرانا نہیں چاہتا تھا ۔
بہر کیف ! وہ اپنی روانگی سے ایک روز قبل مجھے اپنے ساتھ ایک عزیز کے یہاں لے گیا ۔ وہاں ہم دیر رات تک شراب سے شُغل کرتے رہے پھر شراب کا لُطف دوبالا کرنے کی غرض سے آفاق کے عزیز نے وی سی ڈی پر ایک عریاں فِلم چلا دی ۔ فِلم نے واقعی اُن دونوں کا نشہ دوچند کر دیا تھا جبکہ میرا نشہ بتدریج جاتا رہا تھا ۔
آفاق نے اس قدر پی لی تھی کہ اُسے فلیٹ تک لے آنے میں مجھے کافی دشواریاں پیش آئی تھیں ۔میرے لاکھ سنبھالا دینے کے باوجود وہ ایک گلی میں گِر کر گھٹنوں کو زخمی کر بیٹھا تھا ۔ اگر ریشماں اُسے اس حالت میں دیکھ لیتی تو یقینااُسے صدمہ پہنچتا اور میں اُسے اس کیفیت سے دو چار ہونے نہیں دینا چاہتا تھا ۔ غالباً اسی لیے ریشماں کو کِواڑ کھولنے کی زحمت دینے کی بجائے اپنی چابی سے لیچ کھولا اور آفاق کو اُٹھا کر ہال ہی میں صوفے پر لٹٕا دیا،اُس کے جوتے کھولے۔ موزے اُتارے ۔۔۔ اپنا لباس تبدیل کیا اور استنجا کی غرض سے ٹوائلٹ میں چلا گیا۔ ٹوائلٹ باتھ روم سے لگ کر ہی ریشماں کا بیڈ روم تھا ، اندر روشنی ہو رہی تھی اور کِواڑ بھی ادھ کھُلا تھا۔شاید وہ اب تک جاگ رہی ہو یہ سوچ کر ٹوائلٹ سے فارغ ہونے کے بعد اُس کے بیڈ روم میں جھانک لیا ۔وہ گلابی رنگ کی نائٹی میں ملبوس بیڈ پر چاروں شانے چِت بے خبر سورہی تھی ۔ اُسے اس حالت میں دیکھ کر میں ہوش سے بیگانہ ہو گیا۔۔۔ اور ۔۔۔ اور ۔۔۔۔ پھر میرا ہوش اُس وقت بحال ہوا جب ریشماں ایک چیخ کے ساتھ اُٹھ بیٹھی، اُس کے چہرے پر ایک نا معلوم سی اُلجھن مُترشح تھی ۔۔۔ لبوں پر رعشہ اُتر آیا تھا اور اُس کی استعجابیہ نِگاہیں مجھے گھور رہی تھیں ۔ میں اُس کی یہ کیفیت دیکھ کر سہم گیا ۔
’’ ریشماں ۔۔۔ اے ریشماں ‘‘ ۔ میرے پکارنے پر بھی وہ بدستور مجھے گھورتی رہی تھی ۔
’’ریشماں ۔۔ دیکھو میں ہوں ۔۔ میں ! تمھارا سلیم ‘‘ ۔ کہتے ہوئے ہتھیلی سے اُس کے رُخسار کو تھپتھپایا کہ اُسی آن تڑاخ سے اس نے ایک زور دار طمانچہ میرے گال پر جڑ دیا اور کسی زخمی ناگن کی مانِند پھنکاری ۔ ’’ نِکل جاؤ میرے کمرے سے ۔۔۔ نیچ کمینے ۔۔۔ یہی صِلہ دیا تم نے میری بھلمنساہٹ کا ؟ ‘‘
اور پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی ۔ میں حیران تھا کہ آخِر آج اسے ہو کیا گیا ہے ؟ جبکہ اب تک اُس کے لیے میری پل بھر کی جدائی بھی نا قابِل ِ برداشت ہوا کرتی تھی ۔۔ رات تو رات دِن میں بھی میری قربت کو مچلا کرتی تھی ۔۔ میرے بغیر خود کو نا مکمل تصّور کرتی تھی ، یہ بات جُدا کہ اُس نے اپنے شوہر کو خدائے مجازی کے درجہ سے کبھی گِرایا نہیں ، مگر اُس کا ایمان اُس خدا پر اتنا پُختہ بھی نہیں تھا کہ صِرف اُسی کی پرستش کرتی ۔۔۔ وہ اُسے بُت کہا کرتی تھی چُنانچہ بُت کی پرستش بے سُود ! ۔
روتے روتے جب کچھ ڈھارس بندھی تو اُس نے میرے آگے ہاتھ جوڑ لیے اور گِڑ گِڑ انے لگی ۔
’’ مجھے معاف کر دو سلیم ۔۔۔ مجھے معاف کر دو ۔۔۔ اور ہوسکے تو میری زندگی سے دور ہو جاؤ ‘‘ ۔
’’ آخِر کیوں ؟ پلیز ریشماں بتاؤ کہ معاملہ کیا ہے ؟ ‘‘
’’ کچھ نہیں ۔۔۔ بس یوں ہی ! ‘‘ ۔
’’ پھر میں تمھارے اس برتاؤ کو کیا سمجھوں ۔۔ ؟ ‘‘ ۔
’’ مجبوری ! ‘‘
’’ میں یہی تو جاننا چاہتا ہوں کہ آخِر ایسی کون سی مجبوری تھی جو تمھیں ۔۔۔۔ ! ‘‘
میرا جُملہ ابھی مکمل بھی نہ ہو پایا تھا کہ ریشماں نے جھٹ میرے مُنہ پر اپنا ہاتھ رکھ دیا اور روہانسی ہو گئی ۔
’’ سلیم تُمھیں میری قسم ہے جو تُم نے آگے ایک لفظ بھی کہا ۔۔۔ ‘‘
وہ اُٹھ کر الماری سے ایک لِفافہ نِکال لائی اور میری جانِب بڑھا دیا ۔ ’’ لو ۔۔ اس خط کو پڑھ لو ۔۔۔ شایدکسی حد تک معاملے کی نوعیّت کو سمجھ سکو ‘‘ ۔
لِفافہ ائیر میل تھا جو جِدّہ سے ریشماں کے نام آیا تھا ۔ میں نے لِفافے کے اندر سے پرچہ نِکالا ۔۔ تہہ کھولی اور میری نِگاہیں تحریر پر پھسلنے لگیں ۔۔۔۔ لِکھا تھا ۔
ریشماں ۔۔۔ مجھے احساس ہے کہ تُم پیاسی دھرتی کی مانِند تپ رہی ہو ، افسوس کہ میں ایک ایسا بادل ہوں جس کا برسنا تو درکنار ، گھٹا بن کر چھا بھی نہیں سکتا پھر بھلا تمھارا گلشنِ حیات کیونکر شاداب ہو گا ؟ کیسے پھول کھلیں گے ؟ ؟ ریشماں ۔۔۔ میں نہیں چاہتا کہ تا عمر تشنگی تمھارا مقدّر رہے ، چنانچہ تُم جس کسی سے ۔۔۔۔۔ ! البتّہ یہ خیال رہے کہ صرف اُس مدّت تک جب تک کہ پھول ۔۔۔۔ !
ابھی اتنا ہی پڑھا تھا کہ ذہن میں دھمک سی ہونے لگی ، تن بدن بے طرح کانپنے لگا اور پرچہ اُنگلیوں کی گِرفت سے چھوٹ کر فرش پر جا گِرا اسی لمحہ کھڑکی سے ہوا کا ایک جھونکا آیا اور پرچہ کو ہال کی جانب اُڑا لے گیا ، میں لپک کر اُسے پکڑنا چاہتا تھا لیکن ۔۔۔ لیکن میرے قدم گویا فرش پر جم چُکے تھے ۔ ہلنے جُلنے تک کی سکت باقی نہ رہی تھی ۔ پھر جانے کب تک میں یوں ہی کھڑا رہا مجھے کچھ ہوش نہیں ۔۔۔ ہاں ! ہوش جب بحال ہوا تو دیکھا ریشماں گھٹنوں میں سر دیے بیٹھی ہنوز سِسک رہی ہے اور آفاق دروازے پر ہاتھ میں پرچہ تھامے شرمسار سا کھڑا ہے ۔
کجری
ظہیر اختر بیدری
میں آفس جاتے ہوئے ہر روز ایک ٹریفک سگنل پر رکتا ہوں ۔ مہینوں میں کبھی ایک آدھ بار ایسا ہوتا ہے کہ سگنل کھلا ہوا ملتا ہے۔ ورنہ اس سگنل پر مجھے ہر روز چند منٹ رکنا پڑتا ہے۔ دوسرے ٹریفک سگنلوں کی طرح اس ٹریفک سگنل پر بھی اخبار بیچنے والے ہاکر،بھیک مانگنے والے لوگ جن میں مرد عورت لڑکے ، لڑکیاں شامل ہوتی ہیں اور کچھ لڑکے گاڑیاں صاف کرنے کے ڈسٹر بیچتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔ یہ سلسلہ برسوں سے چل رہا ہے مجھے اتنا تو یاد رہتا ہے کہ اس سگنل پر اخباری ہاکر، ڈسٹر بیچنے والے لڑکے اور بھیک مانگنے والوں کو میں روز دیکھتا ہوں لیکن اگر آپ مجھ سے یہی کہیں کہ ان میں سے کسی ایک کو یاد رکھوں تو ایسا اس لیے ممکن نہیں کہ میں دوسروں کی طرح اور انسانی فطرت کے مطابق بس ان سب پر ایک سرسری نظر ہی ڈالتا ہوں کسی کو اتنی توجہ کے ساتھ نہیں دیکھتا کہ اس کا چہرہ میرے ذہن پر نقش ہو جائے۔ لیکن پچھلے ماہ اچانک ڈسٹر بیچنے والے لڑکوں کے ساتھ میں نے ایک نوجوان لڑکی کو دیکھا جو تیزی سے گھوم پھر کر ڈسٹر بیچ رہی تھی۔ لڑکی کی عمر کوئی 13-14 سال ہو گی۔ دھان پان سا بدن، لانبا قد، کھڑی ناک کے ساتھ کھڑا چہرہ، رنگ ہلکا سانولا، آنکھیں چھوٹی لیکن سگنل کی بتیوں کی طرح جلتی بجھتی ۔ بدن پر بہت معمولی سے کپڑے چہرے پر ہلکی مسکراہٹ ۔ میرا خیال ہے کہ میں نے ہی نہیں بلکہ اس روز اُدھر سے گزرنے والے ہر شخص نے خواہ وہ کار پر جا رہا ہو یابائیک پر چونک چونک کر اس لڑکی کو دیکھا ہو گا۔ لوگ لڑکی کو اس لیے نہیں دیکھ رہے تھے کہ وہ کوئی بہت خوبصورت تھی بلکہ اس لڑکی کو چونک کر اور بڑے غور اور بڑی توجہ سے دیکھنے کی ایک وجہ تو یہ تھی کہ عموماً ٹریفک سگنلوں پر اس عمر کی لڑکیاں کہیں کہیں ہی نظر آتی ہیں ۔ دوسری وجہ یہ تھی کہ اس لڑکی میں ایک عجیب سی کشش تھی۔ خاص طور پر اس کی آنکھوں میں جو بتیاں جلتی بجھتی نظر آتی تھیں وہ ہر ایک کی توجہ کو اپنی طرف مرکوز کر لیتی تھیں ۔ لوگ چند لمحوں کے لیے ہی صبح ہر روز جب ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں تو ان کے درمیان ایک عجیب سی مانوسیت پیدا ہو جاتی ہے۔ اس سگنل پر بھی اخباری ہاکروں ،بھیک مانگنے والوں اور گاڑیوں کے ڈسٹر بیچنے والوں سے میں ایک حد تک مانوس تھا لیکن جیسا کہ میں پہلے ہی بتا دیا ہے کہ کسی کی طرف چوں کہ پوری توجہ اور دلچسپی سے نظر نہیں جاتی تھی لہٰذا ان کے چہرے یاد رکھنا یا انھیں کسی دوسری جگہ پر شناخت کر لینا مشکل تھا۔ لیکن اس لڑکی کو پہلے ہی دن غالباً اس سگنل سے گزرنے والے بیشتر لوگوں نے اتنی توجہ اور دلچسپی سے دیکھا ہو گا کہ ذہن پر اس کا چہرہ نقش ہو جائے۔ میں آفس میں بیٹھے بیٹھے بڑی دیر تک سوچتا رہا کہ آیا اسے مرد کی کسی.... کمزوری کا نام دیا جائے یا عورت کی کسی خوبی یا خصوصیت کہا جائے کہ وہ کسی بھی نوجوان لڑکی کو اس قدر توجہ سے دیکھتا ہے کہ اس کا چہرہ یاد رہ جاتا ہے۔ پھر میں آفس کے کاموں میں مصروف ہو گیا۔
دوسرے دن ،تیسرے دن، چوتھے دن تقریباً ہر روز ہی اس لڑکی کا سامنا ہو جاتا تھا لیکن میں نے محسوس کیا کہ اب اس میں پہلے روز والی چونکا دینے والی بات نہ تھی اب وہ روز کے معمولات کا ایک حصہ بن گئی تھی۔ لیکن یہ بات بہر حال عجیب سی تھی کہ جب بھی میں سگنل کے قریب پہنچتا میری نظریں بے تابی سے اسے تلاش کرتی تھیں اور جب وہ مجھے کاروں ، موٹر بائکوں کے ہجوم میں ڈسٹر بیچتے نظر آ جاتی تو میری بے تابی ختم ہو جاتی۔ دو تین منٹ میں میں سنگل سے گزر جاتا اور پھر اگلے روز تک میں اسے بھول جاتا۔ سگنل پر پہنچتے ہی مجھے اس کی تلاش کیوں رہتی۔ یہ سوال اکثر میرے ذہن میں آیا لیکن ہمیشہ اس کا جواب یہی ملا کہ نہ تو میں اس کے عشق میں گرفتار ہوا ہوں نہ اسے کسی خاص جنسی تسکین یا آنکھوں کی ٹھنڈک کے لیے دیکھتا ہوں ۔ بلکہ جب میں نے زیادہ گہرا ئی میں جا کر اپنی اس بے قراری کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ میری بے قراری کی اصل وجہ یہ تھی کہ میں اسے اس سگنل پر انتہائی غیر محفوظ سمجھتا ہوں ۔ اس کی حالت مجھے ایک ایسی اندھی لڑکی کی نظر آتی جو بغیر کسی سہارے کے ٹریفک کے ہجوم میں سڑک پار کرنے کی کوشش کر رہی ہو۔ مجھے ہر وقت یوں محسوس ہوتا کہ اب وہ کسی بس یا ویگن کے نیچے آ جائے گی۔ یہ ایک عجیب ساشعوری خوف تھا جس سے میں دوچار تھا مجھے ایسا لگتا ہے کہ اس لڑکی نے بھی مجھے سگنل پر پہنچتے بے قراری سے اسے تلاش کرتے محسوس کر لیا تھا۔ غالباً یہی وجہ تھی کہ اب وہ مجھے دیکھتے ہی ذرا سا چونک جاتی تھی۔ ہم دونوں کی عمروں میں اتنا تفاوت تھا کہ کسی لڑکی کو یہ خدشہ نہیں ہوسکتا تھا کہ اس تلاش کے پیچھے کوئی ئہوس یا نا آسودہ خواہش ہو لیکن چوں کہ لڑکی بالکل اَن پڑھ اور اپنے ارد گرد خطرات سے ناواقف معلوم ہوتی تھی۔ اس لیے میری اس تلاش کے پس منظر میں موجود خوف کو تو نہیں جان سکتی تھی البتہ یہ بہر حال ممکن تھا کہ وہ مجھے بھی ایک نظر باز سمجھ لے.... اس نے میرے بارے میں جو بھی رائے قائم کی ہو ایک بات بہر حال عیاں تھی کہ اس سگنل سے گزرنے والے دوسرے مسافروں کے مقابلے میں ، میں نسبتاً اس کی توجہ کا زیادہ مرکز بن گیا تھا.... جس کا اظہار اس کی آنکھوں سے ہوتا تھا۔
اس سگنل پر دو تین ٹریفک سار جنٹس کے علاوہ ٹریفک کے کئی سپاہی بھی موجود ہوتے تھے جو ٹریفک کنٹرول کرنے میں لگے رہنے کی وجہ سے اس لڑکی کی طرف کم متوجہ نظر آتے تھے لیکن مجھے یقین تھا کہ سار جنٹس سمیت تمام سپاہیوں کی توجہ پوری طرح اس نئی لڑکی پر مرکوز تھی۔ پھر اخباری ہاکراں ، بھیک مانگنے والوں اور ڈسٹر بیچنے والوں میں 17-18 سے 20-22 برس کے ایسے نوجوان موجود تھے جن کا اس لڑکی میں دلچسپی لینا ایک فطری بات تھی۔ مجھے پتہ نہیں کیوں ہر وقت یہ دھڑکا لگا رہتا کہ لڑکی اب گئی کہ جب گئی۔ اس لڑکی کی طرف اپنی مخصوص توجہ کی ایک اور وجہ یہ تھی کہ میں نے اس کی آنکھوں میں اس کے چہرے پر ایسی مسکراہٹ نہیں دیکھی تو جو عموماً اس عمر کی ایسی بے فکری لڑکیوں کی آنکھوں اور چہرے پر نظر آتی ہے۔ اس کی جگہ میں نے ہمیشہ اس کے چہرے پر ایک خوف ایک کرب کی ملی جلی پرچھائی ہی دیکھی تھی مجھے ہمیشہ ایسا محسوس ہوا کہ میں اس کے لیے اپنے دل میں جو خوف محسوس کرتا ہوں اس کے دل میں بھی اپنے بارے میں اسی قسم کا کوئی خوف موجود ہے۔ اس خوف کی موجودگی کا بڑا معقول جواز تھا.... جس شہر میں گھروں کی چہار دیواریوں میں رہنے والی لڑکیاں اسکول اور کالج جانے والی لڑکیاں محفوظ نہ ہوں اس شہر میں ایک ٹریفک سگنل پر تنہا بے سہارا گاڑیوں کے ڈسٹر بیچنے والی ایک انتہائی کم عمر اور کسی حد تک پرکشش لڑکی بھلاکس طرح اپنے آپ کو محفوظ سمجھ سکتی ہے۔
دن گزرتے رہے۔ ہفتے دنوں میں اور دن مہینوں میں بدلتے گئے۔ ایک دن جب میں اپنے مقررہ وقت پر اپنی مقررہ جگہ پر پہنچا تو لڑکی مجھے کہیں نظر نہ آئی۔ مجھے ایک تشویش سی ہونے لگی۔ میری نظریں ٹریفک کے ہجوم میں اسے تلاش کرتی رہیں لیکن وہ نظر نہ آئی۔ بار بار ذہن میں یہ خیال آ رہا تھا کہ.... اس کے ساتھ وہ کچھ ہو گیاجس سے میں خوفزدہ تھا۔ سگنل کھلا لیکن میں رکا رہا.... میں چاروں طرف دیکھ رہا تھا کہ شائد وہ گاڑیوں کے ہجوم میں کہیں پھنس گئی ہو.... لیکن ایسا نہیں تھا .... وہ در حقیقت اس دن وہاں موجود نہ تھی۔ میں اپنے وسوسوں کو دور کرنے کے لیے کسی ہاکر لڑکے سے اس کے بارے میں پوچھنا چاہتا تھا لیکن میری ہمت ہی نہیں پڑھ رہی تھی۔ پھر میں کس حوالے، کس رشتے سے اس کے بارے میں پوچھتا .... جو حوالہ جو رشتہ اس لڑکی کے لیے میرے دل میں موجود تھا وہ اس معاشرے میں کہیں نظر نہ آتا تھا۔ ایسی صورت میں کسی ہاکر سے اس لڑکی کے بارے میں دریافت کرنا اپنے آپ کو بدنام کرنے کے علاوہ کیا معنی رکھتا تھا، سو میں عجیب سی بے چینی کے ساتھ دوسری بار ٹریفک کھلنے پر اس چوراہے سے گزر گیا۔ لیکن آفس میں بھی مجھ پر ایک عجیب قسم کی بے چینی طاری تھی اور گھر پر بھی یہی حال رہا۔ حتیٰ کہ رات کو میں ٹھیک طرح سے سو بھی نہ سکا۔ میں رات بھر بے چینی سے صبح کا انتظار کرتا رہا۔ کئی بار مجھے اپنی اس حماقت اور نا معقولیت پر غصہ بھی آیالیکن یہ غصہ جلدی ہی غائب ہو گیا اور اس کی جگہ تشویش نے لے لی۔ اذان ہوئی تو تھوڑا سا اطمینان ہوا کہ چلو صبح ہو گئی۔ ناشتہ کے بعد اپنے مقررہ وقت تک اخبار وغیرہ دیکھتا رہا لیکن اخبار کے ہر صفحے پر کمبخت وہی لڑکی اپنی اداس اور خوفزدہ مسکراہٹ کے ساتھ نظر آتی رہی۔
خدا خدا کر کے جب میں سگنل پر پہنچا تو .... ٹریفک کے ہجوم میں وہ لڑکی مجھے نظر آئی۔ خدا جانے اس نے میری پریشانی کو بھانپا.... یا میرے چہرے پر پائی جانے والی تشویش اسے نظر آئی.... اس کی نظر جیسے ہی مجھ پر پڑی وہ گاڑیوں کے ہجوم سے نکل کر فٹ پاتھ پر آئی.... اور سر جھکا کر کھڑی ہو گئی۔ میں نے غور سے اس کی طرف دیکھا مجھے ایسا محسوس ہوا کہ وہ اپنی آنکھوں کو مجھ سے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے.... کیا وہ ڈر رہی تھی کہ کل غیر حاضری کا سبب میں اس کی آنکھوں میں دیکھ لوں گایا وہ اپنے آنسوؤں کو مجھ سے چھپانا چاہتی تھی؟ نہ مجھ میں اس سے کوئی سوال کرنے کی ہمت تھی اور نہ غالباً وہ اپنے آپ میں ایسی ہمت پا رہی تھی کہ وہ مجھ سے اپنے کسی دکھ کا اظہار کرے۔ سگنل کھلا.... ہر چند کہ میں کچھ دیر اور وہاں رکنا چاہتا تھا۔ لیکن اس کا کوئی جواز نظر نہیں آ رہا تھا.... سو میں آگے بڑھ گیا لیکن جاتے جاتے دو بار میں نے اس کی طرف پلٹ کر دیکھا۔ وہ بھی میری طرف دیکھ رہی تھی۔ یہ پہلی بار ایسا ہوا تھا کہ وہ محسوس کرنے کی حد تک میری طرف ملتفت تھی۔ اس کی اس توجہ اور اس کی آنکھوں میں پائی جانے والی اداسی نے مجھے اور زیادہ الجھن میں ڈال دیا۔ یہ بات بہر حال میری سمجھ میں آ رہی تھی کہ وہ کسی نہ کسی مصیبت میں گرفتار ہے۔ میں اس کی مشکل معلوم کرنا چاہتا تھا اور شائد اس کی مدد کرنا بھی چاہتا تھا اس کی آنکھوں سے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ بھی مجھے اپنے دکھوں سے واقف کرنا چاہتی ہے اور شائد مجھ سے کسی قسم کی مدد کی بھی طلب گار ہو.... لیکن ہم دونوں کے بیچ اجنبیت کی ایک دیوار حائل تھی۔ رائج الوقت اخلاق کے تقاضے جو ہمیں آزادی سے ایک دوسرے سے بات کرنے کی اجازت دیتا نہ ہمارے معاشرے کی اخلاقی قدریں کسی اجنبی لڑکی سے بات کرنے کی اجازت دیتی تھیں ۔ میں نے سارے راستے ایسے تمام رشتوں کے بارے میں سوچا جو ایک انسانوں کو دوسرے سے بے جھجھک بات کرنے ، ایک دوسرے کے دُکھ جاننے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی اجازت دیتے ہیں ۔ یہ خون کے رشتے تھے.... دوستی کے رشتے تھے۔ان سب رشتوں سے مضبوط اور افضل انسانوں کے درمیان ایک اور رشتہ ہوتا ہے.... انسانیت کا رشتہ لیکن یہ رشتہ کس قدر کمزور تھا.... اخلاقی ضابطے کس قدر مضبوط تھے....
کئی دن تک میں ہر روز اسے سگنل پر ڈسٹر بیچتے ہوئے دیکھتا رہا لیکن اب اس میں پہلے جیسی تیزی اس کی آنکھوں میں سگنل کی روشنیوں جیسی روشنی نہ تھی ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ سست ہو رہی ہو.... جیسے اس کی آنکھوں کی روشنی بجھتی جا رہی ہو.... اور یہ احساس میرے لیے بہت اذیت ناک تھا۔ کوئی ڈیڑھ ماہ تک وہ سگنل پر مجھے ہر روز نظر آتی رہی۔ پھر ایک دن وہ غائب ہو گئی.... اس دن میں اسے کاروں کے ہجوم میں بہت تلاش کرتا رہا لیکن وہ نظر نہ آئی.... میں نے دو بار سگنل کو مس کیا لیکن پھر بھی وہ نظر انداز نہ آئی میں چوں کہ سڑک کے درمیان کھڑا ہوا تھا لہٰذا ایک ٹریفک کانسٹبل غصے سے میری طرف آیا....بولا:
’’آپ نے کیوں راستہ روکا ہوا ہے۔‘‘
میں اسے بھلا کیا جواب دیتا.... شرمندگی کے اظہار کے ساتھ آگے بڑھ گیا۔ میں جب آفس پہنچا تو مجھے ایسا محسوس ہوا کہ لڑکی جس کے نام تک سے میں واقف نہیں میری طرف ملتجی نظروں سے دیکھ رہی ہے۔ ہر طرف مجھے اس لڑکی کا بے رنگ خوفزدہ سوگوار چہرہ ہی نظر آ رہا تھا۔ میں بڑی بے چینی سے وقت گزارنے لگا۔ آخر جب ذہنی الجھن شدید ہو گئی تو میں آفس سے نکل کر عزیز بھٹی پارک پہنچا.... پارک تقریباً سنسنا پڑا تھا.... میں ایک درخت کے نیچے پڑے ہوئے پینچ پر بیٹھ گیا۔ ابھی مجھے یہاں بیٹھے ہوئے دس پندرہ منٹ ہی ہوئے تھے کہ فل میک اَپ میں ایک اسمارک خاتون میرے قریب آئیں .... سلام کیا۔ پھر کہا۔
سر.... اگر آپ کا دل کبھی اداس ہو زندگی مشکل نظر آئے وقت کاٹے نہ کٹے تو اس نمبر پر رِنگ کیجئے۔ میں آپ کی دلجوئی کے لیے حاضر ہوں گی۔ یہ کہتے ہوئے خاتون میرے ہاتھ میں ایک ٹیلیفون نمبر تھما کر چلی گئیں ۔ میں حیرانی کے ساتھ اسے واپس جاتے دیکھ رہا تھا۔ عمر، ان محترمہ کی 30 کے لگ بھگ ہو گی۔ گورا رنگ ناک نقشہ جاذب نظر .... قد بھی مناسب تھا جسم چھر یرا.... محترمہ ساڑھی بلاؤس میں ملبوس تھیں ۔ ٹیلی فون نمبر دیتے وقت غالباً دانستہ اس قدر جھک گئی تھیں کہ ان کی سفید چھاتیاں ننگی ہو گئی تھیں ۔ ایک طرف سگنل پر ڈسٹر بیچنے والی وہ جاہل لڑکی تھی جو ہر وقت اپنے میلے کچیلے کپڑوں پر ایک میلی سی چادر اوڑھے رہتی تھی.... اس کی آنکھوں میں خوف.... سوگواری کے ساتھ حیاء بھی تھی دوسری طرف یہ خاتون تھی جن کے بلاؤز اور ساڑی کے درمیان کا علاقہ ہی عریاں نہ تھا بلکہ جاتے جاتے محترمہ نے نسوانی کشش کے سب سے زیادہ موثر ہتھیار کو بھی ہم پر آزمانے کی کوشش کی تھی۔ ان کی آنکھوں میں حیاء کی بجائے ایک ننگی، بے شرمی اور دعوت گناہ رقصاں تھی۔ میں ان دونوں کا موازنہ کرتا رہا۔دونوں میں مجھے بڑا فرق نظر آیا۔ مجھے ان دونوں کے موازنے سے یہ پتہ بھی چلا کہ ہمارے اخلاقی نظام میں کتنا شدید تضاد ہے۔ مجھ پر ایسی وحشت سوار ہوئی کہ میں پارک سے اُٹھ کر ایک سنیما ہال پہنچا اور ہال کی آخری نشستوں کے ایک سرے پر بیٹھ گیا۔ ایک انگلش فلم چل رہی ہے تھی اور میں سیٹ پر نیم خوابیدہ سی حالت میں ٹیک لگائے بیٹھا تھا مجھے اس وقت ہوش آیا جب ہال خالی ہو گیا اور لائٹ آن ہو گئیں ۔ عجیب سی بے کلی کے ساتھ میں گھر پہنچا۔ پھر وہی بے قراری، رات جانے کس طرح گزری.... میں سوچتا رہا یہ میرا پاگل پن ہے.... جانے اس شہر میں کتنی ہزار لڑکیاں کیسی کیسی اذیت ناک زندگی گزار رہی ہوں گی۔ پھر میں ایک عام سی لڑکی کے لیے جسے میں جانتا تک نہیں کیوں اس قدر پریشان ہوں ۔ جب میں اپنے آپ کو زیادہ لعنت ملامت کرتا تو پھر وہی لڑکی اپنی تمام تر معصومیت اور سوگوار چہرے کے ساتھ سامنے آ کھڑی ہو جاتی۔ جب میں سگنل پر پہنچا تو لڑکی آج بھی غائب تھی.... میں نے اِدھر اُدھر دیکھا اس کا کہیں پتہ نہ تھا، وہ سگنل کھلنے پر میں آگے بڑھ گیا۔ میں نے طے کر لیا تھا کہ اب اس لڑکی کے بارے میں ہرگز اپنا دماغ حراب نہیں کروں گا۔ آفس میں ہر چند میں اس کے خیال کو ذہن سے جھٹک دینے میں کامیاب ہو گیا تھا لیکن وہ ذہن کے کسی کونے میں اب بھی اپنے دبلے پتلے جسم پر میلی سی چادر اوڑھے کھڑی تھی۔
تیسرے دن بھی وہ نظر نہ آئی.... اس طرح وہ تقریباً دو ہفتے سگنل سے غائب رہی.... پھر ایک دن وہ نظر آئی۔ لیکن وہ گاڑیوں کے ہجوم میں نہیں کھڑی تھی فٹ پاتھ پر وہی میلی چادر اوڑھے کھڑی تھی جب میں سگنل پر رُکا توا س نے میری طرف دیکھا۔ وہی خوف، وہی کرب، وہی سوگواری، کیا خوف، کرب اور سوگواری بھی کوئی حسن ہوتا ہے.... ذہن میں ایک سوال اُبھرا.... ہاں یہ ایسا حسن ہے جو ہمارے ملک ہی نہیں دنیا کے ہر ملک میں خواہ وہ ترقی یافتہ ہویا ترقی پذیر ہر جگہ بکھر ا ہوا ہے لیکن اس حسن پر توجہ دینے، اس کو سراہنے ، اس کی پرستش کے لیے کسی کے پاس نہ وقت ہے نہ کوئی اس کی ضرورت محسوس کرتا ہے۔ یہ حسن صرف خریدا جاتا ہے اور بیچا جاتا ہے۔ وہ تین منٹ وہ خاموش کھڑی رہی لیکن مجھے ایسا لگا کہ اس خاموشی کے ذریعہ بھی وہ مجھ سے بہت ساری باتیں کر چکی ہے اور میرے اور زیادہ قریب آ گئی ہے۔ جی تو نہیں چاہ رہا تھا میں آگے بڑھ جاؤں لیکن میری وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑ رہا تھا۔ میں آگے بڑھ گیا ۔ دوسرے دن وہ پھر غائب ہو گئی۔ دو ہفتے بعد ایک دن وہ پھر نظر آئی لیکن اس بار مجھے ایسا لگا کہ اس کی صحت کچھ بہتر ہو گئی.... اس کا رنگ بھی کچھ صاف نظر آ رہا تھا.... اس کے میلے کپڑوں پر وہی میلی چادر پڑی ہوئی تھی البتہ اس کی آنکھوں کے کرب میں ، میں نے بڑی شدت دیکھی۔ یوں لگ رہا تھا کہ وہ اندر سے بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ تین چار ہفتوں تک یہی سلسلہ چلتا رہا۔ اب وہ اپنے جسم پر چادر کچھ پھیلا کر اوڑھ رہی تھی۔ یوں لگتا تھا کہ چادر اس نے کوئی اور اوڑھی ہوئی ہے.... لیکن یہ چادر بھی میلی ہی تھی۔ اس لڑکی کی وجہ سے اب میں ذہنی طور پر اس قدر ڈسٹرب ہو گیا تھا کہ میں نے آفس سے عزیز بھٹی پارک والی اس لڑکی کو ٹیلی فون کیا جو اپنا فون نمبر دے گئی تھی۔ میرا خیال ہے کہ میری زندگی میں میرے فرسٹریشن کی یہ انتہا تھی۔
گلستان جوہر کے ایک خوبصورت فلیٹ میں جب میں پہنچا تو وہ محترمہ سر سے پیر تک مجسمہ دعوت بنی ہماری منتظر تھیں ۔ لیکن ہمارے دماغ پراب بھی کسی بھوت کی طرح وہی لڑکی سوار تھی سگنل کے برابر فٹ پاتھ پر میلی چادر اوڑھے کھڑی یہ لڑکی سر سے پاؤں تک خوبصورتی کی تصویر بنی ہوئی تھی اور اس حسین خاتون سے بہت زیادہ خوبصورت نظر آ رہی تھی.... سردیوں کے دن تھے۔ میرے جسم پر گرم کپڑے نہ تھے۔ خاتون نے ہمیں اپنے خوبصورت ڈرائینگ روم میں بٹھایا اور تھوڑی ہی دیر میں گرم گرم کافی بنا کر لائیں اور اس طرح مجھ سے جڑ کر بیٹھ گئیں جیسے ہم میں میاں بیوی کا کوئی رشتہ ہو اور یوں بے تکلفی سے گفتگو کرنے لگیں جیسے وہ ہم سے بے حد بے تکلف ہیں ۔ میں حیران تھا۔ میں جو کئی مہینوں سے اس سگنل والی لڑکی سے بے حد خواہش کے باوجود اب تک ایک لفظ نہ کہہ سکا تھا کہ اس اور ہمارے درمیان کوئی رشتہ نہ تھا.... اخلاقی اقدار کا پہاڑ حائل تھا.... اور غالباً وہ لڑکی بھی ہم سے بات کرنا چاہتی تھی.... لیکن اس کے سامنے بھی وہی دیواریں حائل تھیں اور یہ خاتون جنھوں نے اپنا نام فرزانہ بتایا تھا ان تمام دیواریوں کو بغیر کسی رکاوٹ اور تکلف کے لمحوں میں پھلانگ لیا تھا.... اب وہ باتوں باتوں میں ہنستے ہنساتے اپنی قیمت بتا رہی تھیں ۔ یہ سب کچھ بڑا عجیب لگ رہا تھا.... کافی کے بعد فرزانہ نے کہا....
آئیے میں آپ کو اپنا بیڈ روم دکھاؤں .... پھر وہ زبردستی ہمیں گھسیٹتے ہوئے اپنے بیڈ روم میں لے گئیں جو بہت دلکش انداز میں سجا ہوا تھا.... خوبصورت ڈبل بیڈ کے بالکل سامنے کی دیوار پر فرزانہ کی ایک انتہائی جذبات انگیز عریاں تصویر لگی ہوئی تھی۔ فرزانہ نے بڑی ادا سے کہا جناب تصویر میں اور اصل میں بہت فرق ہوتا ہے.... اصل میں جو حسن ہوتا ہے تصویر میں اس کا پاسنگ بھی نہیں ہوتا ۔ فرزانہ کی باتیں میرے کانوں میں مکھیوں کی بھنبھناہٹ کی طرح گونج رہی تھیں ۔ میں یہاں سخت ذہنی الجھن کے زیر اثر آ تو گیا تھا لیکن میں اب یہاں سے بھاگ جانا چاہتا تھا۔ رات کے دس بج رہے تھے۔ سردی میں اچھا خاصا اضافہ ہو گیا تھا۔ میں نے فرزانہ سے معذرت چاہی اسے بتایا کہ میری طبیعت بہت خراب ہو رہی ہے میں پھر کبھی آؤں گا.... پھر اس کے ہاتھ میں میں نے پانچ سو کا ایک نوٹ بطور جرمانہ رکھا.... وہ دو منٹ سوچتی رہی غالباً اس نے سوچا مفت میں نصف قیمت مل رہی ہے تو کیا برا ہے.... ایک اچھے کاروباری کی طرح اس نے نوٹ واپس کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ جب آپ ضرورت محسوس کریں .... جب آپ کی طبیعت موزوں ہو آپ تشریف لائیے۔ میرے دروازے آپ کے لیے ہر وقت کھلے ہوئے ہیں .... میں نوٹ اس کے ہاتھ میں تھما کر باہر نکلا تو وہ ایک قیمتی شال اوڑھے مجھے دروازے تک چھوڑنے آئی۔ جب میری نظر فرزانہ کی شال پر پڑی تو میری آنکھوں میں سگنل والی لڑکی کی میلی چادر گھوم گئی۔ کتنا فرق تھا اس میلی چادر اور اس چمکتی ہوئی شال کے درمیان.... اس قیمتی شال کے مقابلے میں وہ میلی چادر مجھے بے حد قیمتی لگ رہی تھی۔ کیوں کہ اس میلی چادر کے نیچے جو دبلا پتلا کمزور سا جسم چھپا ہوا تھا وہ حجاب اور شرم کی چادر اوڑھے ہوئے تھا جس کی قیمت کوئی بڑے سے بڑا دولت مند بھی نہیں چکا سکتا تھا۔
تقریباً تین ہفتوں کے بعد ایک دن وہ پھر سگنل کے فٹ پاتھ پر لیکن کچھ فاصلے پر کھڑی نظر آئی اس کی آنکھیں مجھ پر ہی جمی ہوئی تھیں .... ایسا لگا وہ کچھ بولنے کی کوشش کر رہی ہے کچھ کہنا چاہتی ہے.... لیکن اچانک وہ چلی گئی.... جب وہ پلٹ کر جا رہی تھی تو میں نے اس کی آنکھوں میں آنسو دیکھے۔ میں نے سوچا رشتے اور اخلاقی اقدار کی ایسی تیسی.... میں اس کے پاس جاؤں اس سے پوچھوں کہ وہ کس اذیت میں مبتلا ہے.... لیکن چاہتے ہوئے بھی میں ایسا نہ کرسکا....
پھر وہ اچانک ایسی غائب ہوئی کہ کئی مہینوں تک نظر نہ آئی۔ ایک دن میں سگنل پر رُکا ہوا تھا کہ ایک ہاکر اخبار لے کر میرے پاس آیا۔ میں اسے ایک عرصے سے دیکھتا آ رہا تھا.... میں نے اچانک اس سے پوچھا....!
بھئی وہ لڑکی جو جہاں کپڑے کے ڈسٹربیچتی تی وہ کہاں چلی گئی.... کیا وہ بیمار ہے۔
اس نے پہلے تو میری طرف مشکوک نظروں سے دیکھا۔ پھر ایسا محسوس ہوا کہ وہ مجھے کچھ بتانا چاہتا ہے۔ لیکن بتاتے ہوئے ہچکچا رہا ہے۔
میں نے کہا.... بھئی میں یہاں سے برسوں سے گزر رہا ہوں ۔ یہاں کے تقریباً تمام ہی ہاکروں کو پہچانتا ہوں .... وہ لڑکی در اصل مجھے ہمیشہ کچھ پریشان، کچھ گھبرائی ہوئی، کچھ خوفزدہ سی دکھائی دیتی تھی میں صرف اس کی خیریت معلوم کرنا چاہتا ہوں ۔
لڑکے کی آنکھوں میں کچھ اطمینان کچھ اعتماد نظر آیا اس نے کہا۔
جناب.... اس کا نام کجری ہے۔ وہ میرے گاؤں ہی کی رہنے والی ہے۔ وہ پنے بھائی بہنوں میں تیسرے نمبر پر ہے اس کی دو بہنیں ہیں جو اس سے بڑی ہیں اور ایک بھائی ہے جو اس سے چھوٹا ہے۔ اس کا باپ نشہ کرتا ہے.... ماں ٹی بی کی مریضہ ہے.... ان کے گھر میں کوئی کمانے والا نہیں .... اس کی دونوں بڑی بہنیں بہت ڈرپوک ہیں .... کجری بھی کراچی آنے سے بہت گھبراتی تھی۔ لیکن پچھلی دفعہ جب میں بڑی عید پر گھر گیا تو اسے ہمت دلا کر کراچی لے آیا تھا کہ یہاں اسے کوئی نہ کوئی کام مل جائے گا۔
جناب .... اس نے اپنی آنکھیں ملتے ہوئے کہا۔ اس کی بربادی کا میں ہی ذمہ دار ہوں ۔ اگر میں اس کو یہاں نہ لاتا تو شاید وہ اس حال کو نہ پہنچتی۔
جب وہ کراچی آئی تو اسے میں نے اپنے ساتھ ہی رکھا۔ میں پنجاب کالونی میں اپنی ماں اور دو بہنوں کے ساتھ رہتا ہوں ۔ کرایہ پر میں نے سب کو یہی بتایا کہ کجری میری خالہ زاد بہن ہے.... میں جب اسے پہلے دن یہاں لایا تو وہ بڑی خوش تھی۔ گاڑیوں کے بیچ دوڑ دوڑ کر اس نے ڈسٹر بیچے .... لوگ اس سے ڈسٹر خرید بھی لیتے تھے۔ وہ دن بھر میں سو سوا سو روپئے کے ڈسٹر بیچ لیتی تھی۔
صاحب.... ہم اس سگنل کے تمام ہاکر ہر روز پولس کو بھتہ دیتے ہیں ۔ ان کا گالیاں سنتے ہیں ۔ ان کی مار بھی کھاتے ہیں ۔ لیکن پیٹ کی خاطر سب برداشت کرنا پڑتا ہے.... لیکن کجری جس دن یہاں آئی اسی دن سے چوکی کے سپاہی اس کے گرد منڈلانے لگے۔ اس چوکی کے سارے نا جائز کام سپاہی اکرم کرتا ہے.... دو تین دن بھی نہیں گزرے تھے کہ وہ میرے پاس آیا اور بولا....
آج رات تم لڑکی کو لے آنا.... اس نے اپنے فلیٹ کا پتہ بتایا اور کہا کہ اگر تو لڑکی کو لے کر رات میرے فلیٹ پر نہیں آیا تو.... اس نے دھمکی دی۔
جناب .... کجری بہت روئی لیکن اس کے علاوہ کوئی راستہ نہ تھا۔ صاحب ! ہاکر نے آنسو پونچھتے ہوئے کہا۔ اکرم نے اور چوکی کے دوسرے سپاہیوں نے کجری کی عزت تو لوٹ ہی لی.... لیکن اسے کجری سے کنجری بھی بنا دیا۔ چوکی کے لوگ اس کے جسم کی کمائی کھانے لگے ۔ وہ انسو پونچھتا ہوا اخبار بیچنے کے لیے گاڑیوں کی طرف چلاگیا۔
کوئی چار پانچ ماہ بعد میں سخی حسن کے قریب سے گزر رہا تھا۔ سگنل بند تھا۔ میں جب سگنل کھلنے کا انتظار کرنے لگا تو ایک لڑکی قریب آئی اس کی گود میں ایک نومولود بچہ تھا۔
صاحب .... اللہ کے نام پر....
جب میں نے اس لڑکی کی طرف دیکھا تو حیرت سے میرا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا وہ کجری تھی.... جیسے ہی اس کی نظر مجھ پر پڑی وہ گاڑیوں کی پرواہ کئے بغیر تیزی سے فٹ پاتھ کی طرف چلی گئی۔ اس کی آنکھوں میں نمی صاف نظر آ رہی تھی۔ میں حیرت سے اس کی طرف دیکھ رہا تھا۔
او بھائی، کیوں راستہ روکے کھڑے ہو۔ ٹریفک کانسٹبل کی آواز پر میں چونکا اور سگنل کراس کرنے لگا۔ کجری میری نظروں سے غائب ہو گئی تھی، لیکن اس کا چہرہ اس کے آنسو میرے سامنے تھے۔
٭٭٭
رقاصہ
ظہیر اختر بیدری
میں کراچی سے ایک ادبی کانفرنس میں شرکت کے لیے سکھر آیا تھا۔ سکھر میں میرے ایک بہت قریبی دوست اظہر رہتے تھے جو محکمہ تعلیم میں کسی بڑے عہدے پر فائز تھے۔ میں ان ہی کے پاس ٹھہرا ہوا تھا۔ دو روزہ ادبی کانفرنس کے اختتام پر جب میں اپنے دوسرے اہل قلم دوستوں کے ساتھ کراچی واپس جانے لگا تو اظہر اور ان کی بیوی آصفہ نے حکم دیا کہ ہم ایک ہفتے مزید ان کی میزبانی کے اسیر رہیں گے۔ میرا کراچی جانا ضروری تھا کیوں کہ مجھے اپنا رسالہ پریس بھجوانا تھا لیکن اظہر اور آصفہ کے پر خلوص اصرار پر میں دو تین دن اور رکنے کے لیے راضی ہو گیا۔ آصفہ ہر روز ڈائننگ ٹیبل پر نئی نئی ڈشیں سجاتی تھیں اور اظہر ہمیں سکھر کے گردو نواح میں گھماتے رہتے تھے۔ اظہر ایک متحرک شخصیت کے مالک انسان تھے۔ سکھر کے با اثر گھرانوں سے ان کے تعلقات تھے.... اظہر کے دوستوں میں ایسے لوگوں کی بھی اچھی خاصی تعداد تھی جو ’’بابر بہ عیش کو ش کہ عالم دوبارہ نیس‘‘ کے فلسفے کے پیرو تھے۔ ایک دن اظہر نے ہمیں بتایا کہ آج ان کے دوست سائیں احمد بخش کے بنگلے پر ہمارے اعزاز میں مجرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ لہٰذا ہم مجرے میں شرکت کے لیے اپنے ذہن کو تیار کر لیں ۔ کراچی کی پوش بستیوں میں ہر رات مجرے، شراب اور شباب کی محفلیں سجتی تھیں ۔ جس کا ہمیں علم تھا لیکن کراچی کے ان حلقوں سے ہمارے ایسے قریبی تعلقات نہ تھے کہ ہم عیش و عشرت کی ان محفلوں سے محفوظ ہوسکتے۔ مجرا در اصل ایک پرفارمنگ آرٹ ہے لیکن ہمارے معاشرے میں اسے طوائفوں سے اس طرح نتھی کر دیا گیا ہے کہ شرفاء اور مشرقی تہذیب کے علمبرداروں میں اسے ایک معیوب فعل اور غیر اخلاقی تفریح سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ ہندی فلموں اور پاکستانی فلموں میں بھی مجرے پیش کیے جاتے ہیں بلکہ مجروں سے زیادہ فحش ڈانسوں کے بغیر کوئی فلم مکمل نہیں ہوتی اور ڈش، کیبل اور وی سی آر پر امیر غریب مذہبی اور لبرل سب ہی گھرانوں کے افراد ہر روز اس بے ہنگم تفریح سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ ہمارے کلچر کی یہ ایک عجیب دو عملی تھی کہ فلموں میں انتہائی فحش بلکہ قابل شرم حد تک عریاں رقص دیکھنے سے اخلاق اور اخلاقی روایات پر کوئی برا اثر نہیں پڑتا تھا لیکن مجرا دیکھنا بڑا معیوب سمجھا جاتا تھا جس میں فلموں کے مقابلے میں کم عریانیت ہوتی تھی۔
ہم نے اپنی موروثی اخلاقی روایات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے تو اظہر کے اس پروگرام پر آنا کانی کی اور یہ تاثر ثینے کی کوشش کی کہ ہم مجرے وغیرہ کی محفلوں میں جانا پسند نہیں کرتے لیکن جب اظہر نے اصرار کیا اور کہا کہ ہمارا انکار آدابِ مہمانی کے خلاف ہے اور ہمارے اس محفل میں شریک نہ ہونے سے سائیں احمد بخش ناراض ہو جائے گا اور ان کی دوستی خراب ہو جائے گی تو ہم نے بظاہر طوہاً و کرہاً مجرے میں شرکت کی حامی بھر لی.... لیکن دل ہی دل میں ہم اپنے اس رویے پر شرمسار بھی ہو رہے تھے کہ دل تو مجرے کی محفل میں جانے کے لیے بے قرار ہے اور زبان پر حیل حجت اور انکار ہے۔ ہمیں محسوس ہوا کہ رائج الوقت اخلاقی نظام کا اوپری ڈھانچہ انسان کو کس حد تک منافق اور دوغلا بنا رہا ہے۔
رات بھیگنے میں ابھی پانچ چھ گھنٹے باقی تھے۔ اظہر غالباً مجرے کے انتظامات میں سائیں کا ہاتھ بٹانے کے لیے باہر گئے ہوئے تھے۔ ہم اظہر کے شاندار مکان کے ایک بیڈ روم میں لیٹے ہوئے اوٹ پٹانگ خیالات میں کھوئے ہوئے تھے کہ ہمارے خیالات کی رو اچانک 25-30 برس پہلے کے ایک واقعہ کی طرف مڑ گئی۔ غالباً اس وقت ہماری عمر 18-19 سال تھی جب کہ دوستوں نے سکھرروہڑی گھومنے کا پروگرام بنایا.... اس زمانے میں سکھر ایک پرانا شہر تھا۔ سکھر میں ہمارا کوئی جاننے والا نہ تھا۔ روہڑی میں دن بھر گھوم پھر کر پانچ نوجوانوں پر مشتمل ہمارا قافلہ جب سکھر پہنچا تو رات کے آٹھ بج رہے تھے.... سب سے پہلے ہم نے ایک عوامی سے ہوٹل میں اپنے قیام کا بندوبست کیا۔ پھر نہا دھو کر رات کا کھانا کھایا۔ کھانے کے بعد یاروں نے صلاح کی کہ سکھردیکھنا چاہیے۔ چناں چہ نکل پڑے۔ ہمارے قافلے کا کوئی رکن اس سے قبل کبھی سکھر نہیں آیا تھا لہٰذا یہاں کے کسی علاقے سے کوئی واقف نہ تھا۔ بس بغیر کسی منزل اور مقصد کے اِدھر اُدھر بھٹکتے رہے ۔ راستے میں دو بار لسی پی.... کراچی میں رہنے والوں کے لیے سکھر میں کوئی دل کشی نہ تھی۔ اِدھر اُدھر گھومتے پھرتے ہم ایک ایسے علاقے میں آ گئے جہاں بڑی بھیڑ بھاڑ تھی۔ چھوٹے چھوٹے دوکان نما کمروں میں مختلف عمروں کی بنی سنوری لڑکیاں کرسیوں پر بیٹھی ہوئی تھیں ۔ ہر کمرے کی چھت میں ایک تیز بلب جل رہا تھا اور بلب اس طرح لگایا گیا تھا کہ اس کی روشنی کرسی پر بیٹھی ہوئی لڑکی کے چہرے پر پڑ رہی تھی۔ ہم بڑے حیران تھے کہ یہ کون سی جگہ ہے۔ نوجوان ، جوان، ادھیڑ ، کلین شیو، داڑھی والے غرض ہر قسم کے مرد گھوم پھر رہے تھے ہم نے بعض نوجوانوں کو کرسیوں پر بیٹھی ہوئی لڑکیوں کے جسم ٹٹولتے دیکھا۔ لڑکیوں کے چہروں پر ایک بے شرم سی ہنسی تھی.... ہم نے حیران ہو کر اپنے ایک نسبتاً زیادہ عمر والے ساتھی سے جو اس دورے میں ایک طرح سے ہمارے گائیڈ کا کردار ادا کر رہا تھا پوچھا .... بھائی یہ کون سی جگہ ہے.... اس بندہ خدا نے ایک بے ہنگم قہقہے کے ساتھ کہا.... کمال ہے پڑھے لکھے نوجوان ہو.... یہ جگہ سمجھ نہیں آ رہی....
بخدا ہماری سمجھ میں نہیں آیا، ہم نے شرمندگی سے کہا۔
ارے یار یہ چکلہ ہے.... سکھر کا مشہور چکلہ.... یہاں جسموں کا کاروبار ہوتا ہے۔
یعنی.... ہم نے مزید وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا۔
بھیا.... یہ ہر کمرے میں جو لڑکی بن سنور کر بیٹھی ہے یہ طوائف یعنی رنڈی ہے۔ یہ لڑکیاں پیسے لے کر اپنا جسم یعنی اپنی آبرو بیچتی ہیں ۔ ہر کرسی کے پیچھے آپ جو پردہ لٹکا دیکھ رہے ہیں اس کے پیچھے ایک پلنگ پڑا ہوا ہوتا ہے جب کسی گاہک سے سودا طے ہوتا ہے تو لڑکی گاہک کے ساتھ پردے کے پیچھے چلی جاتی ہے.... سمجھے....
ہماری سمجھ میں کچھ کچھ آیا کچھ کچھ نہ آیا۔ جیسے جیسے رات جوان ہو رہی تھی بھیڑ بھاڑ میں اضافہ ہو رہا تھا۔ بھاؤ تاؤ گندے اور بے ہودہ مذاق۔ کوئی پردے کے پیچھے جا رہا تھا۔ کوئی پردے کے پیچھے سے باہر آ رہا تھا۔ اس پورے منظر کو دیکھ کر ہمارے ذہن میں ایک عجیب سی اتھل پتھل ہو رہی تھی۔ ہمیں پہلی بار یوں محسوس ہو رہا تھا کہ ہمارے اندر کا کوئی چھپا ہوا انسان بے چینی سے کروٹیں بدل رہا ہے.... ایک عجیب سی حیرت ناگواری اور بے چینی کے عالم میں ہم بازار حسن میں گھومتے رہے.... ایک جگہ ایک کمرے کے سامنے ایک لمبی لائن لگی ہوئی تھی۔ ہم نے اپنے گائیڈ دوست کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا، گائیڈ نے طنزیہ انداز میں ہنستے ہوئے کہا۔ مولوی صاحب یہاں یقیناً کوئی بہت خوبصورت طوائف ہے جس کے لیے لائن لگی ہوئی ہے۔ اس لائن میں کم عمر لڑکے بھی تھے۔ پختہ عمر کے نوجوان بھی اور ہمیں اور زیادہ حیرت اس وقت ہوئی جب ہم نے اس لائن میں لمبی لمبی داڑھی والے ادھیڑ عمر کے گاہکوں کو کھڑے دیکھا۔ زندگی میں یہ پہلا موقع تھا کہ ہم طوائف ’چکلے‘ جسم فروشی جیسے الفاظ سے واقف ہوئے تھے۔ ابھی ہم اس عجیب و غر یب منظر میں کھوئے ہوئے ہی تھے کہ پردے کے پیچھے سے ایک پختہ عمر کے مولوی صاحب چھپتے چھپتے باہر آئے اور ان کے پیچھے ایک ایسا انتہائی کمسن لڑکی جس کی عمر مشکل سے باہر تیرہ برس ہو گی باہر آئی اس کے جسم پر شلوار کے اوپر ململ کا ایک انتہائی مہین کرتہ تھا۔ تیز بلب کی روشنی میں ململ کے باریک کرتے میں اس کا جسم عریاں نظر آ رہا تھا۔ ہمارے جسم میں ایک عجیب سی برقی رو دوڑ گئی۔ لڑکی لائن میں سب سے آگے کھڑے ہوئے ایک 16-17 سالہ نوجوان کے ساتھ پردے کے پیچھے چلی گئی۔ اب بھی قطار میں پندرہ بیس لوگ کھڑے ہوئے تھے۔ ایک عجیب سی سنسنی عجیب سی بے کلی .... ہمارے انگ انگ میں پھیلی ہوئی تھی۔ غالباً یہی وہ لمحہ تھا جس میں ہمارے اندر سویا ہوا حساس انسان جاگ پڑا۔ غالباً یہی وہ لمحہ تھا جس نے ہم میں سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بیدار کیا اور معاشرے میں پھیلی ہوئی ان برائیوں کے خلاف اظہار کی سمت دھکیلنے لگا۔
بھائی جان.... چائے، آصفہ کی آواز ہم پر 25-30 سال پہلے کے اس ماحول سے باہر آئے۔
اوہ.... بھابھی.... آپ نے زحمت کی۔ ہم شرمندہ سے اُٹھ کر بیٹھ گئے۔
ہم ابھی چائے پی رہے تھے کہ اظہر آ گئے۔
ہاں بھئی چلیں .... اظہر نے ہماری طرف دیکھتے ہوئے کہا۔
آصفہ آج سائیں کے پاس ہم لوگوں کی دعوت ہے.... رات ہم دیر سے گھر آئیں گے تم انتظار مت کرنا.... اظہر نے بیوی کو ہدایت دی۔
یار.... آپ کپڑے تبدیل کر لیں ۔ چاہو تو باتھ لے لیں .... میں بھی نہا کر آتا ہوں یہ حکم دے کر اظہر چلے گئے۔
جب ہم گھر سے نکل رہے تھے تو رات کے نو بج رہے تھے اظہر کے ساتھ میں ان کی شاندار ہنڈا اکارڈ میں اگلی سیٹ پر بیٹھا تھا.... اظہر نے غزلوں کی کیسٹ لگا دی تھی۔ کیسٹ کی دھیمی دھیمی موسیقی میں ہم کھو گئے۔
کہاں ہو بھائی جان....؟ اظہر نے ہمارے کندھے ہلاتے ہوئے کہا۔ مجھے پتہ ہے کہ آپ وڈیروں کے سخت خلاف ہیں .... وڈیرہ شاہی کے سخت خلاف ہیں ۔ آپ کی ہر کہانی کا مرکزی خیال یہی لوگ ہوتے ہیں لیکن میرے بھائی آپ کی تحریر میں اور زیادہ تاثر اس وقت آئے گا جب آپ بالا دست طبقات کی زندگی کو زیادہ قریب سے دیکھیں گے۔
گاڑی 70-80 کلو میٹر کی رفتار سے دوڑ رہی تھی اب ہم شہر سے کافی دور نکل آئے تھے۔
بھائی جان ہم جہاں جا رہے ہیں وہ سائیں احمد بخش کا فارم ہے.... یہاں اس نے اپنی عیاشیوں کے لیے ایک خوبصورت بنگلہ بنا رکھا ہے ....سائیں بتا رہا تھا کہ آج مجرے کے لیے جس لڑکی کو بلوایا گیا ہے وہ آج کل پورے سندھ کے بالا دست طبقات میں اپنے حسن اور شباب کی وجہ سے مشہور ہے....
جب ہم سائیں احمد بخش کے فارم پر پہنچے تو رات کے تقریباً دس بج رہے تھے ۔ ہری بھری فصلوں کے بیچ ایک شاندار عمارت سر اٹھائے کھڑی تھی۔ کلا شنکوف بردار گارڈر ادھر اُدھر کھڑے ہوئے تھے۔ جب ہم وسیع و عریض بنگلے کے پارکنگ ایریا میں پہنچ کر کار سے باہر نکلے تو سائیں احمد بخش بہ نفس نفیس ہمارے خیر مقدم کے لیے موجود تھا۔
سائیں آپ ادیب لوگ ’’ہم گاؤں کے رہنے والے اگر ہم سے کوئی کوتاہی ہو جائے تو معاف کر دینا۔ سائیں احمد بخش نے روایتی طور پر گلے ملتے ہوئے کہا۔
آپ ہمیں شرمندہ کر رہے ہیں ۔ میں نے ہنستے ہوئے کہا....
ہم سائیں احمد بخش کی رہنمائی میں بنگلے کے ایک ایسے وسیع و عریض ہال میں پہنچے جہاں سفید چاندنیوں کا فرش تھا.... اور مخمل کے غلافوں کے قیمتی گاؤ تکیے لگے ہوئے تھے۔ ہال میں کم از کم پچاس افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ ایک سرے پر طبلہ اور ہارمونیم کے ساتھ ساتھ آرکسٹرا بھی تھا۔ ہال میں کوئی بیس پچیس افراد بیٹھے تھے جو سب کے سب ’’اعلی نسل‘‘ کے لگ رہے تھے۔ سائیں کو دیکھتے ہی سب اُٹھ کھڑے ہوئے۔ سائیں نے ہمارا تعارف بڑے لمبے چوڑے انداز میں کرایا۔ سب لوگ اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے۔ با وردی بیرے دونوں قسم کی ڈرنک سرو کر رہے تھے۔ پندرہ بیس منٹ میں کچھ اور لوگ آ گئے....اس کے بعد ایک ملازم نے بڑے ادب سے سائیں کو بتایا کہ ثروت بائی آ گئی ہیں ۔
بھئی لے آؤ.... ا نہیں .... انھیں کا انتظار ہو رہا ہے سائیں نے ہنستے ہوئے کہا۔
ہال کے باہر پائیل کی مسحور کن آواز قریب آ رہی تھی اور پھر ایک ملازم نے پردہ اُٹھایا۔ ثروت بائی ہال میں داخل ہوئیں .... میں ثروت بائی کو دیکھ کر اس بری طرح چونکا بلکہ اس طرح اچھلا جیسے کرنٹ لگ گیا ہو۔
ارے.... میرے منہ سے بے ساختہ نکلا.... افشاں افتخار تم۔
افشاں کی نظر جیسے ہی مجھ پر پڑی وہ بھی بری طرح چونک گئی۔ یہ سب ایک لمحے میں ہو گیا۔ سائیں جو اپنے ایک ساتھی سے کچھ کہہ رہا تھا اس نے ہمیں چونکتے ہوئے نہیں دیکھا۔ میں نے فوری اپنے آپ کو سنبھال لیا اور نظریں نیچی کر کے بیٹھ گیا۔ ثروت بھی الجھی الجھی سی اپنی فرشی نشست پر روایتی انداز میں فرشی سلام کرتے ہوئے بیٹھ گئی۔ کچھ دیر پہلے محفل میں جو خوشگوار ماحول تھا وہ ایک عجیب سی گھٹن میں بدل گیا۔ میں حیران تھا اگر میری نظر دھوکر نہ کھا رہی ہو تو میرے سامنے وہی افشاں بیٹھی ہوئی تھی جسے تقریباً 6-7 سال پہلے میں علاج کے لیے اپنے ایک ماہر نفسیات دوست ڈاکٹر حمید کے پاس لے گیا تھا۔ افشاں کے والد افتخار صاحب میرے بڑے بھائی کے دوست تھے۔ ایک دن ہم اپنے بڑے بھائی کے گھر گپ شپ میں لگے تھے کہ یکایک جنوں بھوتوں کی بات بیچ میں نکل آئی۔ بڑے بھائی صاحب نے اس حوالے سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔
یار.... ہمارے ایک بہت قریبی دوست ہیں افتخار صاحب ان کی ایک نوجوان لڑکی پر آسیب کا سایہ ہو گیا ہے۔ بیچارے بہت پریشان ہیں ۔ بہت سارے باباؤں ، عالموں کو دکھا چکے ہیں لیکن لڑکی کی حالت اور زیادہ خراب ہو رہی ہے۔ افتخار صاحب سخت پریشان ہیں ۔ بیچارے نمازی، پرہیز گار انسان ہیں ۔ اپنے بچوں کی بھی انھوں نے اسی طرح تربیت کی ہے۔ بڑے فرمانبردار بچے ہیں ۔ ماں باپ کے سامنے کبھی اونچی آواز سے بات نہیں کرتے نہ کبھی نظر ملا کر بات کرتے ہیں ۔ سخت پردہ کرتے ہیں ۔ جس وقت دورے پڑتے ہیں وہ اپنے ہوش و حواس میں نہیں رہتی۔ کپڑے پھاڑ لیتی ہے۔ چیخنے چلانے لگتی ہے۔ میں جانتا تھا کہ بھوت پریت آسیب سب بکواس ہے۔ نفسیاتی گھٹن عام طور پر اس قسم کی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ میں نے بڑے بھائی سے کہا کہ اگر وہ اپنے دوست کو راضی کریں تو میں افشاں کو اپنے ایک ماہر نفسیات دوست کو دکھاتا ہوں ۔ افتخار صاحب جو اپنی بچی سے مایوس ہوچکے تھے۔ انھوں نے اجازت دے دی۔ میں افشاں کو ڈاکٹر حمید کے پاس لے گیا۔ افشاں کے ساتھ اس کی چھوٹی بہن بھی ہمارے ساتھ گئی دونوں پورا برقعہ اوڑھے ہوئے تھیں ۔ صرف نصف آنکھیں بُرقعے سے باہر تھیں ۔ ڈاکٹر حمید نے علیحدگی میں کوئی پون گھنٹہ افشاں سے گفتگو کی۔ جب باہر آئے تو وہ مایوس سے لگ رہے تھے۔ بہر حال انھوں نے کچھ دوائیں لکھ دیں اور ایک ماہ بعد آنے کے لیے کہا۔ میں کوئی تین چار دن بعد پھر ڈاکٹر حمید کے پاس گیا۔ انھوں نے کہا.... بھائی آپ کی مریض کسی ایسے ذہنی دباؤ کا شکار ہے جس کا وہ کسی قیمت پر اظہار کرنا نہیں چاہتی۔ جب تک وہ کھل کر بات نہیں کرے گی اس کا ٹھیک ہونا مشکل ہے۔ وہ ہسٹیریا کی مریضہ ہے۔ مجھے پتہ تھا کہ افتخار صاحب کے گھر میں ایک ایسا سخت اخلاقی نظام رائج تھا۔ جس میں کسی کو خاص طور پر خواتین کو ہرگز یہ ہمت نہیں تھی کہ وہ اپنی کسی مشکل یا ذاتی پریشان کا کسی سے اظہار کریں ۔ حتیٰ کہ بھائی بھائی سے ، بہن بہن سے بھی اپنی مشکلات اور پرابلم کو بتانا معیوب سمجھتے تھے۔
افشاں کا علاج ہوتا رہا۔ لیکن مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔ ایک دن پتہ چلا کہ افشاں کی والدہ اور خالہ کسی بابا کے مشورے پر افشاں کو اندرون سندھ کسی بزرگ کے مزار پر لے گئیں ۔ جہاں انھیں تین دن رہنا تھا۔ لیکن ہوا یہ کہ دوسرے رات افشاں مزار کے قریب مریضوں کے لیے بنے ہوئے کمرے سے جہاں وہ اپنی ماں اور خالہ کے ساتھ ٹھہری ہوئی تھی۔ غائب ہو گئی۔ افتخار صاحب نے خاموشی کے ساتھ افشاں کو ہر جگہ تلاش کیا لیکن افشاں کو جیسے زمین نگل گئی.... وہ نہ ملی۔ علاج کے دوران صرف دو بار اچانک دورہ پڑ جانے کی وجہ سے میں نے افشاں کو بے نقاب دیکھا تھا۔ افشاں ایک انتہائی خوبصورت لڑکی تھی لیکن بیماری کی وجہ سے اس کی آنکھوں کے گرد حلقے سے پڑ گئے تھے۔ یہ حلقے اس کے حسن میں اور اضافہ کر رہے تھے۔ بہر حال کئی مہینوں تک تلاش کے بعد آخر افتخار صاحب اور ان کی فیملی نے صبر کر لیا۔ لیکن مجھے افشاں کے مرض کے بارے میں ایک تشویش سی لگی ہوئی تھی۔ ڈاکٹر حمید نے بتایا تھا کہ وہ کسی ایسے شدید ذہنی دباؤ میں ہے جس کا اظہار وہ نہیں کرسکتی۔ یہی اس کی بیماری کا سبب ہے۔ میں نے افشاں کے بارے میں جاننے کے لیے بڑی کوششیں کیں ۔آخر کار افشاں کے اسکول کے ایک چپراسی نے مجھ سے بار بار قسم لے کر کہ میں اس بات کا کسی سے ذکر نہیں کروں گا بتایا کہ انٹر کے آخری پرچے کے روز افشاں کو امتحانی مرکز سے لینے کے لیے کسی وجہ سے کوئی نہ پہنچ سکا۔ سردیوں کے دن تھے۔ چھ بجے ہی اندھیرا ہو جاتا تھا.... امتحانی مراکز کے ارد گرد گھومنے والے آوارہ لڑکوں نے اسے گھر پہنچانے کے بہانے اغوا کر لیا اور اس کی آبرو لوٹ کر اسے گھر کے قریب چھوڑ دیا۔ افشاں کے ذہن پر اس ظلم کا اتنا شدید اثر ہوا کہ وہ مہینوں بیمار رہی۔ افشاں کی بگڑتی ہوئی صحت کو دیکھ کر افشاں کی ماں اور باپ نے افشاں کی نسبت فوری طور پر افشاں کے ماموں زاد بھائی سے کر دی اور فوری شادی کی تیاریاں شروع ہو گئیں ۔ افشاں اپنے ماموں زاد بھائی کو سخت ناپسند کرتی تھی۔ جیسے جیسے شادی کی تاریخ قریب آنے گلی۔ افشاں کی حالت خراب تر ہونے لگی۔ یوں شادی سے کچھ پہلے جب اسے بابا کے مزار پر لے جایا گیا تو وہ اچانک غائب ہو گئی.... یہ تھی افشاں کی مختصر داستان جو آج ثروت بائی کے نام سے میرے سامنے مجرے کے لیے تیا ر بیٹھی تھی۔
کہاں کھو گئے سائیں .... سائیں احمد بخش نے مجھے جھنجھوڑتے ہوئے کہا۔ معلوم ہوتا ہے بائی کے حسن میں کھو گئے ہیں ۔
نہیں نہیں ایسی کوئی بات نہیں ، میں نے شرمندگی سے کہا۔
طبلے پر تھاپ پڑی آرکسٹرا کی آواز اُبھری.... ثروت بائی جو کسی سخت ذہنی الجھن کا شکار نظر آ رہی تھی، رقص کے لیے اُٹھتے ہوئے بار بار جھجک رہی تھی۔
میں نے غور سے اس کی آنکھوں کی طرف دیکھا۔ اس نے جلدی سے اپنے دو پٹے سے آنسو پونچھے۔ آنسوؤں کو تو شائد کوئی نہ دیکھ سکا۔ البتہ اس کے چہرے کی تمازت جسم کے قیامت خیز نشیب و فراز پر ہر ایک کی نظر تھی۔ 6-7 سال پہلے والی افشاں اور آج کی ثروت بائی میں زمین آسمان کا فرق تھا۔ 6-7 برس پہلے کی افشاں اچھی شکل و صورت کی لڑکی تھی لیکن آج کی ثروت حسن و شباب کی ایک ایسی تصویر تھی جس پر سے کسی کی نظر نہیں ہٹتی تھیں ۔
سائیں احمد بخش نے ہزار والے نوٹوں کی دو گڈیاں ملازم کو دیں وہ بڑے ادب سے ثروت بائی کے قریب گیا اور اس کے قدموں میں رکھ دیا۔ اس کا مطلب تھا مجرا شروع ہونا چاہیے۔ ثروت بائی اچانک لہرا کر اُٹھی اور پھر اس نے اس طرح ٹوٹ کر رقص کیا کہ ساری محفل دم بخود تھی۔ مجھے یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے ایک بار پھر ثروت پر کوئی آسیب آگیا ہو۔ میں نے اس کی آنکھوں میں وہی کیفیت دیکھی جو ڈاکٹر حمید کے پاس میں نے دیکھی تھی۔ طبلہ ہارمونیم اور آکسٹرا والے حیران تھے وہ برسوں سے ثروت ہائی کے ساتھ تھے لیکن آج جو رقص وہ دیکھ رہے تھے وہ بڑا عجیب و غریب تھا۔ ثروت بائی کو اپنے جسم کا بالکل ہوش نہ تھا وہ پاگلوں کی طرح رقص کر رہی تھی۔ لیکن اس کے رقص میں سوائے تیزی کے کوئی فنکارانہ بے ضابطگی نہ تھی۔ حاضرین محفل دم بخود تھے۔ سائیں احمد بخش کے چہرے سے پریشانی ظاہر ہو رہی تھی۔ چالیس منٹ پینتالیس منٹ پھر ایک گھنٹہ گزر گیا۔ ثروت بغیر رکے ناچتے رہی.... اور پھر اچانک دھڑام سے زمین پر آ رہی ۔ میں سب سے پہلے اس کے قریب پہنچا ثروت نے آہستہ سے ٹوٹتی ہوئی سانسوں کے ساتھ کہا۔ آپ سے میری ایک التجا ہے میرے بارے میں کسی کو کچھ نہ بتانا۔ میں نے اس کا ہاتھ تھام کر کہا اطمینان رکھو میں کسی کو کچھ نہیں بتاؤ ں گا۔ اور دوسروں ہی لمحے اس کی ناک اور منہ سے خون کی پچکاری سی باہر آئی۔ صرف چند منٹ میں اس کا جسم سرد ہو گیا۔ سائیں واحد بخش سمیت تما م حاضرین محفل بری طرح سے بوکھلائے ہوئے تھے۔ فوری ڈاکٹر کو بلوایا گیا.... جس نے دیکھ کر تصدیق کی کہ ثروت کا کسی بڑے صدمے کی وجہ سے برین ہیمبرج ہو گیا ہے اور وہ مر چکی ہے۔
افشاں کی اس ناگہانی موت پر سب کی آنکھیں اشکبار تھیں ۔ دوسرے دن اس کی تدفین ہوئی۔ تیسرے روز میں کراچی کے لیے روانہ ہو گیا۔ رات میں نے گھر پر بہت بے چینی سے گزاری۔ دوسرے دن ڈاکٹر حمید کے پاس پہنچا اور انھیں مختصر اً ساری بات بتا دی۔
لگتا ہے ڈاکٹر حمید نے کہا۔ مسلسل ظلم اور ذلت نے اس کے ذہن میں ایک ٹھہراؤ پیدا کر دیا تھا۔ پڑھی لکھی لڑکی تھی اس نے حالات سے فرار کی بجائے حالات سے سمجھوتہ کر کے ایک نئی زندگی شروع کی.... اور اس نئی زندگی میں جو آسائشیں اسے ملیں وہ ان میں کھو گئی .... چوں کہ اسے پہلے ہی ایک بار بے آبرو کر دیا گیا تھا لہٰذا وہ عزت آبرو کے آزار سے آزاد وگئی اور اپنے آپ کو حالات کے دھارے پر چھوڑ دیا۔ جب اچانک اس نے ایک رقاصہ کی حیثیت سے اپنے آپ کو تمھارے سامنے دیکھا تو اس کا ماضی اور ماضی کے سارے کرب اس کے ذہن پر چھا گئے۔ اس پر ایک بار پھر وحشت سوار ہو گئی اور وہ اسی وحشت کے زیر اثر ناچتی رہی۔ اس نے مرنے سے پہلے تم سے جو وعدہ لیا وہ ایک شریف لیکن مجبور لڑکی کی عزت نفس کا اظہار تھا.... پھر شدت غم سے اس کے دماغ کی شریان پھٹ گئی۔
٭٭٭
پروفیسر
ظہیر اختر بیدری
پروفیسر احسان کا شمار شہر کے ایسے روشن روشن خیال لوگوں میں ہوتا تھا جو انفرادی ، اجتماعی، قومی اور بین الاقوامی زندگی کے ہر مسئلہ کا جائزہ معروضی طریقے سے لیتے تھے اور ان کے معروضی حل ہی کے قائل تھے۔ ڈاکٹروں کی ہدایت پر وہ پچھلے دو ہفتوں سے اپنی ایک بہن کے پاس کراچی سے تقریباً دو ڈھائی سو میل دور ایک چھوٹے سے قصبے میں مقیم تھے۔ پروفیسر احسان کو ایک طویل عرصے سے پیٹ میں تکلیف کی شکایت تھی۔ ایک تو پروفیسر عادتاً سست رفتار شخص تھے خاص طور پر اپنے معاملات یا تکالیف کی وہ بہت کم پرواہ کرتے تھے دوسرے ان کے مالی حالات اتنے بہتر نہ تھے کہ جدید علاج کی سہولتوں سے فائدہ اُٹھا سکیں ۔ ابتداءً جب انھیں پیٹ کی تکلیف کچھ زیادہ محسوس ہوئی تو انھوں نے اپنے علاقے کے ایک ڈاکٹر سے رجوع کیا۔ ڈاکٹر نے دوائیں لکھ دیں وہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق استعمال کرتے رہے لیکن چار ہفتوں کے استعمال کے بعد بھی انھیں کوئی فائدہ نہ ہوا تو انھوں نے علاج بند کر دیا۔ پروفیسر احسان کے دوستوں میں ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ اپنے ایک دو دوست ڈاکٹروں سے جب انھوں نے اپنی تکلیف کا ذکر کیا تو انھوں نے ہنستے ہوئے کہا۔
بھائی اس شہر میں کس کا پیٹ اچھا ہے۔ دولت مندوں کے پیٹ اگر مرغن غذاؤں سے خراب ہیں تو عام انسانوں کے پیٹ غیر متوازن غذاؤں اور فاقوں سے تباہ ہیں ۔ آپ کا مسئلہ یہ ہے کہ آپ بدقسمتی سے نہ صرف متوازن غذاءاستعمال نہیں کرتے بلکہ ساری دنیا کے مسائل پر سوچتے رہتے ہیں لہٰذا آپ کا پیٹ خراب ہونا کوئی حیرت کی بات نہیں ۔ ذہن پر زیادہ بوجھ پڑنے سے معدے میں تیزاب زیادہ بنتا ہے لہٰذا پیٹ کا نارمل فنکشن تباہ ہو جاتا ہے۔ آپ سوچنا نہیں چھوڑ سکتے لہٰذا آپ کے پیٹ کا ٹھیک رہنا ممکن نہیں ۔ ڈاکٹر رحمان نے کہا۔
پھر بھی چوں کہ آپ کو یہ تکلیف ایک عرصے سے ہے لہٰذا پیٹ کے کسی اسپیشلسٹ کو دکھا دیں ۔ ڈاکٹر رحمان نے انھیں شہر کے ایک ماہر سیٹر و انٹر ولوجسٹ کے نام ایک لیٹر دیا۔ جو شہر کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال میں پیٹ کی بیماریوں کے شعبے کے سربراہ تھے۔
پروفیسر احسا ن نے جب اس ماہر ڈاکٹر کے اسسٹنٹ سے ٹائم کے لیے رجوع کیا تو اس نے بتایا ایک ماہ سے پہلے وقت نہیں مل سکتا۔ پروفیسر کے ہونٹوں پر ایک تلخ مسکراہٹ اُبھری انھوں نے اسسٹنٹ سے کہا۔
بھائی کیا میری تکلیف ایک ماہ تک بڑھ نہیں جائے گی۔
مجبوری ہے.... یہ دیکھئے لسٹ.... ڈیڑھ ماہ تک کے اپوائنمنٹ سے رجسٹر بھرا ہوا ہے۔ اگر آپ کو جلدی ہے تو آپ ڈاکٹر صاحب سے رمپا پلازمہ میں مل لیجئے۔ وہاں آپ کو تین چار دن بعد کا ٹائم مل جائے گا۔ لیکن آپ کو آٹھ سو روپئے فیس دینا ہو گا۔
پروفیسر احسان نے سوچا.... آٹھ سو روپئے وہ اپنے ٹائٹ بجٹ میں سے کس طرح بچائیں گے۔ سرکاری ہسپتال سے گھر واپس آ کر وہ اس مسئلہ پر غور کرتے رہے۔ ان کے ذاتی اخراجات میں صرف دو آئیٹم ایسے تھے جس پر ان کا کچھ پیسہ ضائع ہوتا تھا۔ وہ تھے سگریٹ اور چائے۔ پروفیسر کو دن میں اگر صرف ایک وقت کھانا مل جائے تو اس کی انھیں کوئی چنتا نہ تھی لیکن سگریٹ کے دو پیکٹ اور دن بھر میں آٹھ دس پیالی چائے لازمی تھی۔ جب تک وہ کالج میں ہوتے انھیں کالج کے چھوٹے سے کینٹین سے چائے مل جاتی تھی۔ جس کی قیمت برائے نام ہوتی تھی لیکن سگریٹ.... پروفیسر کو ہر روز سگریٹ خریدنا ہوا تھا۔
گاؤں کی صاف ستھری فضاء ہر طرف لہلہاتے ہوئے کھیت، یہ سب پروفیسر احسان کو بڑا بھلا لگتا تھا۔ لیکن گائں میں ایک عجیب طرح کی خاموشی تھی یوں لگتا تھا جیسے سارے گاؤں پر کسی آسیب کا سایہ ہے۔ ایک نامعلوم خوف کی پرچھائیں گاؤں کے ہر شخص کے چہرے پر نظر آتی تھیں ۔ آج پروفیسر کا دل اچاٹ ہو رہا تھا۔ وہ سرشام نہر کی طرف نکل گئے۔ نہر کے کنارے بڑا سکون تھا۔ فضاء میں سر اٹھائے کھڑی فصلوں کی مہک رچی ہوئی تھی۔ چاند نکل آیا تھا۔ شہر کے لوگ ایسے پرسکون ماحول کو خواب میں تو دیکھ سکتے تھے لیکن ان کی عملی زندگی میں ایسا پرسکون ماحول انھیں میسر نہ تھا۔ نہر کے قریب ایک چھوٹا سا خوبصورت بنگلہ تھا۔ یہ ایک خاصا بڑا قصبہ تھا لیکن سندھ کی دیہی زندگی صدیوں سے جس وڈیرہ شاہی نظام کے پیروں تلے کچلی آ رہی تھی۔ اس گاؤں میں اس کی کسک ہر طرف دیکھی جاسکتی تھی۔ قصبے کی تقریباً پچیس ہزار کی آبادی کے لیے صرف دو پرائمری اسکول تھے۔ البتہ جگہ جگہ مسجد مدرسے موجود تھے۔ جہاں گاؤں کے ہاریوں کے بچوں کو مفت دینی تعلیم فراہم کی جاتی تھی۔ میرپور کا غیر سرکاری حکمران محمد بخش چانڈیو جو اس قصبے کے وڈیرے خاندان کا سربراہ تھا.... مسجد مدرسوں کے مولویوں کی سرپرستی کرتا تھا۔ قصبے میں اگر کوئی نیا آدمی آتا تو وڈیرے کے کارندے فوری وڈیرے کو خبر کر دیتے تھے۔ جب پروفیسر احسان اپنی بہن کے پاس آئے تو دوسرے ہی دن چانڈیو کو اس کی اطلاع مل گئی۔ لیکن جب کارندوں نے پوری کھوج کے بعد وڈیرے کو یہ رپورٹ دی کہ نیا آنے والا ایک بیمار انسان ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر کچھ عرصہ یہاں اپنی بہن کے پاس تبدیلی آب و ہوا کے لیے آیا ہو تو انھیں نظر انداز کر دیا گیا۔
رات کے نو بج رہے تھے۔پروفیسر احسان نہر میں بہتے ہوئے پانی کی مدھر موسیقی سے لطف اندوز ہو رہے تھے.... گاؤں کی پرسکون فضا نے ان کی صحت پر کچھ بہتر اثرات مرتب کئے تھے۔ لیکن ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کا جو بڑا سبب بتایا تھا وہ یہاں بھی پوری طرح ان پر مسلط تھا وہ تھی سوچ، زندگی کی ظلمتوں کے بارے میں معاشرے میں قدم قدم پر دکھائی دینے دینے والی نا انصافیوں اور ظلم.... پر سوچنا اور کڑھنا.... وہ اکثر سوچتے تھے کہ سوچنا کس طرح چھوڑا جاسکتا ہے؟ لیکن اس سوال کا جواب یہی آتا کہ پروفیسراگر تم نے سوچنا چھوڑ دیا تو پھر تمھارے پاس کیا رہ جائے گا؟ وہ نہر کے کنارے آم کے ایک پیڑ سے ٹیک لگا کے بیٹھے ماضی کے دھند لکوں میں بار بار کھو جاتے تھے۔ بیوی بچوں کے شدید اصرار پر انھوں نے نہ صرف سگریٹ پینا کم کر دیا تھا بلکہ اب وہ نسبتاً کم قیمت والی سگریٹ استعمال کر رہے تھے اور اس بچت کی وجہ سے وہ شہر میں ڈاکٹر رحمان کے تجویز کردہ اسپیشلسٹ سے اپوائنمنٹ لینے میں بھی کامیاب رہے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر ارشاد نے مشکل سے سات آٹھ منٹ انھیں دیئے۔ پروفیسر احسان نے مختصر الفاظ میں اپنی تکلیف بتائی ڈاکٹر ارشاد نے انھیں کچھ دوائیں لکھ کر دیں اور کہاں کہ وہ انڈسکوپی کرائیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر ارشاد کا شمار شہر کے مشہور گیسٹرو انٹرولوجسٹوں میں ہوتا تھا۔ اس پرائیویٹ کلینک میں وہ ہر مریض سے ایک وزٹ کے آٹھ سو روپئے لیتے تھے اور ہر روز تیس پینتیس مریض دیکھتے تھے۔ پروفیسر احسان نے ڈاکٹر ارشاد کے سیکریٹری سے جب انڈسکوپی کی فیس پوچھی تو اس نے تین ہزار بتائی۔ وہ مایوسی کے ساتھ واپس ہوئے۔ جب وہ گھر کے لیے بس میں سوار ہوئے تو اتفاق سے انھیں نشست مل گئی وہ اپنی نشست پر بیٹھے ہوئے حساب لگا رہے تھے۔ انھیں صرف ایک بار شہر کے ایک بڑے ڈاکٹر کو دکھانے کے لیے اپنے سگریٹوں میں کمی کرنی پڑی اور برانڈ بھی بدلنا پڑا.... جب کہ پورفیسر ارشاد ہر روز 30-35 مریضوں کو دیکھتے تھے۔ جس کی فیس انھیں پچیس ہزار سے زیادہ وصول ہوتی تھی۔ وہ زیر لب مسکراتے رہے۔ شدت احساس سے ان کا ذہن جھنجھنا اُٹھا ۔ ان کا مطالعہ بہت وسیع تھا۔ وہ بار سال سے کالج میں پڑھا رہے تھے۔ ان کا شمار بہترین اساتذہ میں ہوتا تھا۔ پروفیسر کی حیثیت سے پڑھاتے ہوئے انھیں چار سال ہو رہے تھے۔ اس طویل تدریسی زندگی کے باوجود انھیں ہمیشہ معاشی مشکلات کا سامنا رہتا۔ اب انھیں اپنے آپ کو پروفیسر کہتے یا لکھتے ہوئے سخت ذہنی اذیت ہوتی تھی اور جب سے ڈاکٹر ارشاد سے ان کی ملاقات ہوئی تھی اپنے نام کے ساتھ لفظ پروفیسر انھیں بالکل اچھا نہیں لگ رہا تھا۔ احساس کی اس شدت نے معدے کو اور متاثر کرنا شروع کیا وہ جب بس سے اتر کر گھر جاتے ہوئے میڈیکل اسٹور پر رک کر دواؤں کی قیمت معلوم کرنے لگے تو میڈیکل اسٹور کے مالک نے جو انھیں جانتا تھا ہنستے ہوئے کہا۔
پروفیسر صاحب یہ کہاں سے اتنی مہنگی دوائیں لکھا لائے۔ اس میں صرف ایک گولی کی قیمت ستاون روپئے ہے۔ دواؤں کا روز کا مجموعی خرچ ایک سو سترہ کے لگ بھگ ہو گا۔ ڈاکٹر ارشاد نے دو ہفتے تک یہ دوائیں کھانے کا مشورہ دیا تھا یعنی دو ہفتوں کی دوا کا خرچ سترہ اٹھارہ سو روپئے تھا۔ پروفیسر احسان نے پرچی پھاڑ کر پھینک دی اور سگریٹ سلگا کر گھر کی طرف روانہ ہو گئے۔
پروفیسر کا ذہن ماضی میں سفر کر رہا تھا کہ قریب ایک کار کے رکنے کی آواز پر وہ چونکے۔ دو آدمی کار سے اترے ان میں سے ایک نے بڑے ادب سے کار کا پچھلا دروازہ کھولا.... ایک نوجوان کار سے لڑکھڑاتے ہوئے باہر آیا۔ اس کے ساتھ 16-17 برس کی ایک انتہائی حسین لڑکی تھی۔ دونوں اس مکان کی طرف لڑکھڑاتے ہوئے چلے گئے جو لہلہاتے کھیتوں کے درمیان چاندنی میں سر اٹھائے کھڑا تھا۔ پروفیسر احسان غیر ارادی طور پر درخت کی دوسری طرف تاریکی میں ہو گئے۔ انھیں وڈیروں کی نادر شاہی ذہنیت کا اندازہ تھا۔ آنے والا چانڈیو خاندان ہی کا کوئی چشم و چراغ ہوسکتا تھا۔ ان کی یہاں موجودگی کو گستاخی پر محمول کیا جاسکتا تھا اور وڈیرے کسی گستاخی کو برداشت نہیں کرسکتے تھے۔
جب نوجوان مکان میں داخل ہوا تو دونوں نوجوان جو وڈیرے کے کارندے معلوم ہو رہے تھے۔ پانی پینے کے لیے .... نہر کے پاس آئے ان میں سے ایک نے کہا۔
یا ر بخشو.... بالی بھائی بتا رہا تھا.... اس کنجری کی ماں نے نتھ اتارنے کے پچاس ہزار نقد لیے ہیں ۔
لئے ہو ں گے، بھئی لونڈیا ہے بھی تو بہت خوبصورت....
سائیں ابھی جوان ہوا ہے.... بڑے سائیں کا چہیتا بیٹا ہے.... اسے کس چیز کی کمی ہے.... دوسرے نے ہنستے ہوئے کہا۔ بھائی ان سائیوں کی آمدنی بھی تو بے حساب ہے.... بالی بھائی ایک دن شراب کے نشے میں کہہ رہا تھا۔
بخشو.... سائیں نے اس سال چھوٹی عید پر بہت سے بندوں کو حج پر بھیجا تھا۔ جانتا ہے اس دھندے میں سائیں کو کتنا فائدہ ہوا۔ ہاہاہا.... توسنے گا تو تیرا دل دھڑکنے لگے گا۔ بخشو میں بڑے سائیں کا خاص کارندہ ہوں ۔ بڑا سائیں ، مجھ پر بہت بھروسہ کرتا ہے۔ وہ جب نشے میں ہوتا ہے تو بہت ساری ایسی باتیں بتا دیتا ہے جو بتائی نہیں جاتیں ۔ وہ عید کے دوسرے دن فلم انڈسٹری کی ایک ٹاپ کی ہیروئین کے ساتھ اپنے پرائیویٹ بنگلے میں دادِ عیش دے رہا تھا۔ تجھے پتہ ہے اس ہیروئین نے ایک رات کا کتنا معاوضہ لیا تھا۔ ڈیڑھ لاکھ
بڑا سائیں اس ہیروئین سے ہنستے ہوئے کہہ رہا تھا۔
جانِ من.... ڈیڑھ لاکھ تمھارے لیے بہت ہوں گے اپنے لیے کچھ نہیں اس سال صرف حج سیزن پر ہم نے 80 لاکھ روپئے کمائے ہیں ۔ پیسہ ہمارے ہاتھ کا میل ہے۔ ہمارے بچے گرمیوں میں یورپ چلے جاتے ہیں تو 20-25 لاکھ روپئے خرچ کر دیتے ہیں ۔ ابھی ہم اپنے میڈ یکل چیک اپ کے لیے امریکہ گئے تھے بیس لاکھ روپئے خرچ ہو گئے ۔
بخشو.... ان سائیوں کی بڑی کمائی ہے۔ اللہ ان پر بڑا مہربان ہے۔ ہم تو بس کبھی چوری چھپے ان کی بوتلوں سے بچی ہوئی شراب پی کر ہی موج کر لیتے ہیں ۔
دونوں کارندے پانی پی کر کار کی طرف چل دیے۔ پرو فیسر نہر کے کنارے کھڑے تناور درختوں کے نیچے پھیلے ہوئے اندھیروں میں چپکے سے گاؤں کی طرف چلنے لگے۔
پروفیسر احسان جب اپنی بہن کے گھر میں داخل ہوئے تو رات گہری ہو رہی تھی۔ پروفیسر کی بہن کے شوہر گاؤں کے پرائمری اسکول میں ٹیچر تھے۔ یہاں تقریباً گیارہ برس سے رہ رہے تھے۔ انھیں گاؤں کے ماحول کا اندازہ ہو گیا تھا۔ آدمی سمجھدار تھے بہت جلد انھوں نے اپنے آپ کو گاؤں کے حالات کے مطابق ڈھال لیا۔ اس لیے وڈیرے سے انھیں کوئی خطرہ نہ تھا۔ لیکن وہ پروفیسر احسان کے اپنے یہاں قیام سے گھبرائے ہوئے تھے۔ انھیں کہیں کسی دن پروفیسر کوئی ایسی بات نہ کہہ دیں جو گاؤں کے مالکان کے مزاج کے خلاف ہو۔ اگرچہ کہ انھوں نے پروفیسر کو پہلے دن ہی ساری بات سمجھا دی تھی لیکن پھر بھی ان پر ایک خوف سا طاری تھا۔ پروفیسر کے اتنی رات تک گھر سے غائب رہنے سے انھیں تشویش ہو رہی تھی وہ بار بار بیوی کو ڈانٹ رہے تھے کہ اس نے پروفیسر کو رات میں نہر کی طرف کیوں جانے دیا۔ جب پروفیسر گھر میں داخل ہوئے تو ان کی جان میں جان آئی۔
بھائی جان میں تو ڈر گیا تھا.... انھوں نے اطمینان کا سانس لیتے ہوئے کہا۔
کیوں .... پروفیسر احسان نے اپنے بہنوئی کی طرف مسکراتے ہوئے دیکھ کر کہا۔
بھائی جان۔ آپ کے مزاج سے میں واقف ہوں مجھے ہر وقت یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ کہیں آپ کسی بات پر بھڑک نہ جائیں اور کوئی ایسی بات نہ ہو جائے جو ہم سب کے لیے مصیبت کھڑی کر دے۔ یہاں ہر طرف وڈیرے کے کارندے گسٹاپو کے کارکنوں کی طرح پھیلے رہتے ہیں ۔ گاؤں میں آنے والے ہر نئے آدمی پر ان کی نظر ہوتی ہے.... میں نے آپ کے بارے میں کافی پروپیگنڈہ کر دیا ہے کہ آپ بیمار ہیں چند دنوں کے لیے ڈاکٹر کی ہدایت پر تبدیلی آب و ہوا کے لیے آئے ہیں ۔ لیکن پھر بھی ایک خوف سا لگا رہتا ہے۔ شہر کی محفلوں میں آپ جس دھڑلے سے معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کے خلاف بولتے رہتے ہیں .... یہاں تو آپ نے اندازہ کر لیا ہے تاکہ پورا گاؤں بے زبان ہے اور ایک موہوم سے خوف کے غلاف میں لپٹا ہوا رہتا ہے ۔ ابھی وہ آپس میں اس قسم کی گفتگو کر رہے تھے کہ ایک عورت کی کربناک چیخ نے رات کے سناٹے کر مرتعش کر دیا۔
پروفیسر احسان نے جواب طلب نظروں سے اپنی بہن کی طرف دیکھا۔
یہ شاداں ہے....ایک ہاری کی لڑکی.... پروفیسر احسان کی بہن کی آواز بھرا گئی۔ شاداں .... واحد بخش کو بہت چاہتی تھی جو اس کی خالہ کا لڑکا تھا واحد بخش بھی شاداں سے بے حد پیار کرتا تھا۔ ان دونوں کی منگنی بھی ہو گئی تھی۔ ان دونوں کی محبت کے چرچے سارے گاؤں میں ہو رہے تھے۔
بھیا .... بڑے سائیں کے چہیتے بیٹے راجہ کے کانوں تک جب شادان کے حسن و عشق کی باتیں پہنچیں تو اس نے اپنے کارندوں سے شاداں کو دیکھنے کی خواہش ظاہر کی .... شاداں کے ماں باپ شاداں کی بہت حفاظت کرتے تھے۔ انھیں پتہ تھا کہ اگر وڈیرے کے خاندان کے کسی نوجوان کی نظر شاداں پر پڑگئی تو اس کا بچنا محال ہے.... شاداں کے ماں باپ اسے گھر سے باہر نکلنے نہیں دیتے تھے۔ جب راجہ کو پتہ چلا کہ شاداں گھر میں بند رہتی ہے تو وہ غصے سے پاگل ہو گیا۔ ایک دن واحد بحش کھیتوں سے آ رہا تھا راجہ کے کارندوں نے اسے قتل کر دیا۔ جب واحد بخش کی لاش گھر لائی گئی اور شاداں نے اسے دیکھا تو.... وہ اس صدمے سے پاگل ہو گئی.... اور اسی پاگل پن نے اسے راجہ کے پنجوں سے بچا لیا.... اس واقعہ کو دو سال ہو رہے ہیں ۔ گاؤں کی خوبصورت ترین لڑکی اب ہڈیوں کا ڈھانچہ بن گئی ہے۔ نہ اسے اپنا ہوش ہے نہ کھانے پینے کا خیال .... بھیا جب اس پر دورہ پڑتا ہے تو وہ آپے سے باہر ہو جاتی ہے اور اس کی درد ناک چیخوں سے گاؤں گونجنے لگتا ہے۔ وڈیرے نے شاداں کے باپ سے کہا ہے کہ وہ اسے پاگل خانے میں داخل کر دے۔ شاداں کے ماں باپ وڈیرے سے اب تک مہلت طلب کرتے رہے لیکن اب وڈیرے نے انھیں دو ہفتے کا آخری ٹائم دیا ہے۔
ہونہہ.... پروفیسر احسان کی آواز بہت بھاری تھی۔
پروفیسرکی بہن نے پروفیسر سے کھانا کھانے کے لیے کہا لیکن پروفیسر نے کھانے سے انکار کر دیا۔ آج ان کے پیٹ کی تکلیف بہت بڑھ گئی تھی۔ پروفیسر نے اپنی بہن کو بتایا دیا کہ وہ صبح کراچی چلے جائیں ۔
کراچی پہنچنے کے بعد پروفیسر بس سے اتر کر جب گھر جانے کے لیے ویگن کی طرف جا رہے تھے تو بے خیالی میں وہ ایک کار سے ٹکرا گئے۔ کار رک گئی۔ کار سے ایک ادھیڑ عمر کا کارٹون نما انسان اترا۔ اس کے جسم پر ایک نفیس سوٹ تھا۔ لیکن اس کی زلفیں کندھوں پر لٹک رہی تھیں .... مونچھیں بڑی بڑی تھیں ۔ وہ ایک مطب میں داخل ہوا۔ مطب کی دیوار پر پروفیسر کو کب ماہر روحانیات لکھا ہوا تھا.... پرانی سے پرانی بیماری.... جادو ٹو نہ.... محبت میں ناکامی.... سفلی علم کا توڑ.... شرطیہ کامیابی.... پروفیسر احسان نے دیکھا پروفیسر کوکب کا مطب ضرورت مندوں سے بھرا ہوا تھا۔ شہر کے بیچوں بیچ پروفیسر کوکب شہر کے لوگوں کو لوٹ رہا تھا.... ایسے بے شمار پروفیسر شہر میں بیماریوں کا علاج کر رہے تھے اور روپیہ بٹور رہے تھے ۔ پروفیسر احسان کے حلق سے ایک زوردار قہقہہ باہر آیا۔ پروفیسر کوکب نے پلٹ کر پروفیسر احسان کی طرف دیکھا.... اور مطب میں داخل ہوتے ہوئے بولا۔
شہر میں پاگلوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے.... پروفیسر کوکب کے ریمارکس سن کر پروفیسر احسان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ وہ رومال سے آنسو پونچھتے ہوئے ویگن کی طرف بڑھ گئے۔
٭٭٭
نغمہ
ابراہیم اشک
(یہ نظم پشتو زبان کی مشہور گلوکارہ ایمن اُداس کے نام ہے جس کی مدھر آواز کے دیوانے تمام افغانستان اور پاکستان میں موجود ہیں ۔ ایمن اداس ایک زندہ جاوید نغمہ تھی جسے اس کے طالبانی بھائیوں نے اس لیے قتل کر دیا کہ اس کے پروگرام ٹی وی اور ریڈیو پر شہرت اور مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہے تھے)
نغمہ تو خدا کی بخشش ہے
نغمہ تو دل کی دھڑکن ہے
نغمہ تو روح کا درپن ہے
یہ نغمہ جب بھی گونجتا ہے
دنیا کی ساری فضاؤں میں
موسم کی مست ہواؤں میں
گاتے ہیں پرندے جب اس کو
سنتے ہیں فرشتے سب اس کو
یہ کائنات تھم جاتی ہے
نغمے کی موت نہیں ہوتی
یہ ہر دم زندہ رہتا ہے
یہ ہر دم گونجتا رہتا ہے
انسان کی ہر اک دھڑکن میں
جب روح مچلنے لگتی ہے
رُت جب بھی بدلنے لگتی ہے
دل جب بھی عبادت کرتا ہے
دل جب بھی محبت کرتا ہے
کچھ میٹھے سروں میں اک نغمہ
ہونٹوں پہ اُبھرنے لگتا ہے
موجوں میں بکھرنے لگتا ہے
لمحوں میں سنورنے لگتا ہے
صدیوں سے گزرنے لگتا ہے
یہ نغمہ روپ ہے قدرت کا
یہ ایک سروپ ہے جنت کا
یہ ہر دل کو دھڑکاتا ہے
یہ ذہنوں کو گرماتا ہے
تم اس کی نزاکت کیا جانو
تم اس کی عبادت کیا جانو
تم قتل جو کرنے آئے ہو
یہ نغمہ قتل نہیں ہو گا
گونجے گا کسی صداؤں میں
بکھرے گا روز ہواؤں میں
نغمہ تو ایک عبادت ہے
نغمے کی موت نہیں ہوتی
٭٭٭
ماخذ: http://urdutahzeeb.net تدوین اور ای بک: اعجاز عبید
حیات، دہلی
ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی کا ترجمان
صرف ادبی صفحات
شمارے
ستمبر 2009
نومبر2009
دسمبر2009
جنوری 2010
فروری 2010
مارچ 2010
اپریل 2010
مئی 2010
جون 2010
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)