اردو شاعری و کلام

بادۂ نو

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (17,612 الفاظ)

بادۂ کہن

احمد علی مرحوم

 

 

پیش لفظ

ہم اپنے تہذیبی اثاثے کے بڑے حصے سے اس وجہ سے محظوظ ہوتے رہے ہیں کہ جن گوشوں میں وہ محفوظ ہیں وہاں تک ہماری رسائی نہیں ہوتی یا وہ لوگ اُس کی پرواہ نہیں کرتے جن کے پاس وہ محفوظ ہیں۔ بسا اوقات اُن کی قدر و قیمت کا تعیّن کرنے میں لوگوں کو تامّل ہوتا ہے اور صواب دید کے مطابق اُسے رکھتے ہیں یا رد کر دیتے ہیں۔ نہ جانے کتنا کچھ ہمارا خزانہ ضائع ہو گیا اور ضائع ہوتا رہا اور ضائع ہوتا رہے گا۔ کچھ اداروں نے اس کی کوشش ضرور کی ہے کہ اس طرح کی چیزوں کو محفوظ کریں اور ممکن ہو تو لوگوں کے سامنے لائیں اور یہ طے کرنے کا کام اہلِ علم اور اہلِ مذاق پر چھوڑیں کہ اُن کی قدر و قیمت کیا ہے۔ ہمارے قصّے کہانیاں، ہمارے مذہبی عقائد پر مبنی ادب ایک نسل سے دوسری نسل تک سینہ بہ سینہ پہنچنے والی روایات، صندوقوں میں بند دستاویزات؛ یہ سب ایسی چیزیں ہیں جن میں ہماری تہذیب کے ارتقا کا نسل در نسل لوگوں کے رویّوں کا غرض کہ انسانی قافلے کی سمت و رفتار کا سادے نقش و نشان انھیں چھپے ہوئے یا کھوئے ہوئے گوشوں میں موجود ہے جنھیں سامنے لانا ضروری ہے۔ احمد علی صاحب مرحوم اُس نسل سے تعلق رکھتے تھے جو صدیوں کی بندھی ہوئی روایات اور اُن کی اقدار کے پاسدار تھے۔ شعر و شاعری تو یوں بھی اردو کلچر کا ایک لازمی حصہ ہی ہے لیکن ایک زمانہ تھا کہ ہر پڑھے لکھے شخص کی آزمائش ہی اس پیمانے پر پورا اترنے سے ہوتی تھی کہ وہ اپنے افکار و خیالات اور عقائد کے اظہار کے لیے اور طریقوں کے علاوہ شعر و شاعری میں کتنا کمال دکھاتا ہے۔ اُس نسل نے اپنے افکار و خیالات کا بڑا حصہ اسی شکل میں چھوڑا ہے۔ احمد علی صاحب کا زمانہ وہ تھا جب سر سید احمد خاں کی تہذیب کے اثرات پوری دنیائے علم و ادب پر چھائے ہوئے تھے۔ شاعری میں حالیؔ کا طرز عموماً اس لئے مقبول تھا کہ اُس کے ذریعے پڑھے لکھے لوگوں کے ایک بڑے حلقے تک پیغام پہنچایا جا سکتا تھا۔ پھر خواہ جذبات عاشقانہ ہو یا مصلحانہ، سادگیِ بیان میں جو ایک جادو تھا، جسے داغؔ اور اُن کے دبستان کے لوگوں نے دریافت کیا اور اُسے بہت فروغ دیا تھا اُس کی مقبولیت عام تھی۔ چنانچہ احمد علی صاحب مرحوم اپنی اور روایات کے ان پہلو سے ذہنی طور پر زیادہ قریب تھے جس کا اظہار اُن کے اس مجموعے ’بادۂ کہن‘ میں ہوتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اُن کے خاندان کے افراد نے خصوصاً عبدالواحد صاحب نے مدتوں بیرونِ ملک میں زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ احمد علی صاحب کے کلام کو بھلایا نہیں بلکہ اُس کی اشاعت کا بڑے سلیقے سے اہتمام کیا۔
پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی
 

عرضِ مرتّب

’بادۂ کہن‘ کی اشاعت میں ’پدرم سلطان بود‘ کا سوقیانہ پن ہرگز کارفرما نہیں ہے۔ بات صرف اتنی تھی کہ والدِ محترم کی شاعری کی بیاض جو نصف صدی تک صرف خاندانی ورثہ بنی رہی، اُس کو ورثۂ عامّہ بنانے کی تحریک نہ صرف میرا ارادہ تھا بلکہ اس ارادے کی حوصلہ افزائی جن اربابِ ادب نے فرمائی اُن کا تہِ دل سے شکرگزار بھی ہوں اور یہاں فرداً فرداً اُن اسمائے گرامی کا ذکر بھی لازم ہے۔
سب سے اوّل تو صدیق الرحمن قدوائی صاحب نے اس ترتیب پر پیش لفظ عنایت فرما کر از حد ممنون فرمایا ہے، بعد ازاں ایوانِ غالب کے ناظم شاہد ماہلی صاحب کا اور ’صدا‘ کے مدیر اقبال مرزا صاحب کا عملی تعاون، جس کے تحت مرتّب نے تُرکی سے آ کر ایوانِ غالب ہی میں قیام کیا اور اپنی ہی نگہداشت میں اس مرحلے کی تمام منازل طے کیں۔ خاندانی افراد میں سیّد محمد ذوالفقار، اُن کے صاحبزادے سروش، بڑے بھائی عبدالماجد صاحب، اُن کے صاحبزادے ریحان ماجد کی تگ و دو اور انٹرنیٹ سے دو شہروں کے درمیان ترسیل کے سلسلے قابلِ ذکر ہیں۔
علاوہ ازیں سرورق کی مصوّری اور صفحۂ اوّل کی خطاطی عزیزم نعمان اشرف صدیقی کی مرہونِ منّت ہے جو سعودی عرب کی بحریہ میں ملازم ہیں اور جبیل میں مقیم ہیں، جن کی نوازش اور عنایت بھی میرے لیے ناقابلِ فراموش ہے۔
ع. واحد

 

مناجات

مناجات بفرمائش ناصر علی خاں ولی عہد جاورہ

اے خدا اے بادشاہ اے کارساز
اے خدا اے مالکِ بندہ نواز
گمرہی سے میری حالت ہے تباہ
معصیت کے زنگ سے دل ہے سیاہ
دین کے کاموں سے وحشت ہے مجھے
ناروا خوشیوں سے رغبت ہے مجھے
بندگی کا فرض مجھ پر بار ہے
میری نیکی سے بدی کو عار ہے
صدق سے خالی ہے مری زندگی
زندگی ہے سر بسر شرمندگی
میری طاعت بے اثر بے جان ہے
لفظ بے معنی مرا ایمان ہے
آپ خود اپنی نظر میں خوار ہوں
نفس اور شیطاں کا خدمت گار ہوں
پھنس گیا حرص و ہوس کے جال میں
پڑ گیا دھوکے سے اک جنجال میں
میں ہوں اور دنیا کی جنت کے مزے
عیش کے عشرت کے راحت کے مزے
کام ہے بس مجھ کو اپنے کام سے
بے خبر ہوں کام کے انجام سے
یہ نہ جانا عیش ماتم خیز ہے
یہ نہ سمجھا شہد زہر آمیز ہے
قاعدہ تیرا بدل سکتا نہیں
آنے والا وقت ٹل سکتا نہیں
پھر ہیں بیگانے عزیز و یار سب
عقل و حکمت زور و زر بے کار سب
آتشیں دریا ہے اور منجدھار ہے
تو کرم کر دے تو بیڑا پار ہے
پیشوائے مُرسلیں کے واسطے
رحمت للعالمین کے واسطے
تو نے نعمت دی ہے زحمت سے بچا
تو نے عزت دی ہے ذلّت سے بچا
لاج رکھ لے میری تو ستّار ہے
بخش دے سب جرم تو غفّار ہے
مہربانی سے بدل دے میرا حال
دور ہوں دل سے گناہوں کے خیال
ہے یہاں کی زندگی نا پائیدار
آخرت کی جائے ہے جائے قرار
وقتِ رخصت ایک تیرا دھیان ہو
مطمئن دل ہو، قویٰ ایمان ہو
تیری مرضی کے زباں پر ہوں کلام
سامنے آنکھوں کے ہو دار السلام
قیدِ تن سے روح جب آزاد ہو
پاس تیرے شاد ہو آباد ہو
پوری فرما دے مری یہ آرزو
ہے ترے قران میں لا تقنطوا
نیک و بد پر عام ہے احساں ترا
ہو قبول احمد علی کی یہ دعا
۱۹۳۸ء

 

غزلیاتِ اردو
 
غزل
اُن سے ہر روز نہ ملنے کی شکایت کیسی
دل ناداں یہ حکومت پہ حکومت کیسی
دی بلندی مجھے اونچے سے گرانے کے لیے
یہ زمانے کی شرارت ہے عنایت کیسی
منزلِ یار بھی ہے سامنے دلدار بھی ہے
عیش فردوس ہے اے شیخ عبادت کیسی
رنج و راحت غم و شادی کے سبب ہیں معلوم
ہم سمجھتے ہیں فقط آپ کو قسمت کیسی
آنکھیں شرماتی ہیں نظروں کو جھجک ہوتی ہے
چشم بد دور ملی تم کو لطافت کیسی
دین سے دور رہا کرتے ہیں دنیا سے نفور
وحشیوں نے ترے پائی ہے فراغت کیسی
صبر نے آ کے ہلاکت سے بچایا دل کو
کام آتی ہے بُرے وقت رفاقت کیسی
لطفِ آغاز عیاں زحمتِ انجام نہاں
پھنس گئے جال میں ہم ہو گئی غفلت کیسی
نہ ہوئیں صوفی مغرور کی نذریں منظور
مل گئی خاک میں قارون کی دولت کیسی
جان دنیا سے جدا ہونے لگی جب سمجھی
کہ بری ہوتی ہے نا جنس کی صحبت کیسی
سازگاری سے بہم مل نہ سکے تُند حریف
ہو گئی دین میں دنیا میں عداوت کیسی
ملنے والے ترے سمجھے ہیں نہ سمجھو گے کبھی
صبر کیا چیز ہے ہوتی ہے قناعت کیسی
نہیں اے واعظو! مطلب سے کوئی دل خالی
بندگی اپنی غرض کی ہے عبادت کیسی
آج تک زندگی افسردہ دلی میں گزری
میرے حصے میں الم بھی نہیں راحت کیسی
مدعا زیر زمیں روئے زمیں پر تگ و دو
قبر میں ملتی ہے دنیا میں فراغت کیسی
سامنے وادیِ پُر خار ہے میں آبلہ پا
اے خدا تیری مدد چاہیے ہمّت کیسی
نغمہ سنجی ہے تری بلبلِ خوش لہجہ عبث
کان پھولوں کے ہیں بیکار سماعت کیسی
عشق سے مرتے ہو اور عشق پہ مرتے بھی ہو
مرض الموت سے احمدؔ یہ محبت کیسی
****

(اُسی بحر میں دوسری غزل)

آئے ہو بہر تسلّی تو اجازت کیسی
یہ تو رخصت ہے مری آپ کی رخصت کیسی
جان بے صبر ہے جاتی رہی غیرت کیسی
ہوئی نازل یہ مصیبت پہ مصیبت کیسی
ہم نہیں جانتے بیگانگی کہتے ہیں کسے
تم نہیں جانتے ہوتی ہے مروت کیسی
غلغلہ آہ و بکا شور و فغاں واویلا
دھوم سے آئی مرے گھر شبِ فرقت کیسی
قتل فرماؤ تو احسانِ شہادت سمجھوں
یہ عقیدت ہے تو پھر مجھ سے عداوت کیسی
دوستو مجھ کو بڑا کہتے ہو دیکھو تو ذرا
چال کیسی ہے ادا کیسی ہے صورت کیسی
میکدے میں تمھیں دیکھا تو کہا اے زاہد
یہ خدا جانے کہ تھی آپ کی نیت کیسی
کامیابی پہ مرے جلتے ہیں ناحق دشمن
یہ بھی دیکھیں کہ اٹھائی ہے مشقّت کیسی
دلِ ناداں غمِ الفت کو غذا سمجھا ہے
زہر کھانے کی اسے ہو گئی عادت کیسی
خود ہی تم دیکھ لو کیسے ہیں تمھارے برتاؤ
پوچھتے کیا ہو کہ ہے تیری طبیعت کیسی
عقل ہے جان ہے ایماں ہے غرض جو کچھ ہے
مال ہے آپ کا لے لیجیے قیمت کیسی
اُس طرف شرم و حیا اور ادھر پاسِ ادب
ہو گئی عین ملاقات میں فرقت کیسی
میں ہی بن جاتا ہوں خود اپنی شکایت کا جواب
سامنے اُن کے بدل جاتی ہے صورت کیسی
چارہ یہ ہے کہ تغافل ہی سے باز آ جائیں
میں کہ تم سے بھی ہوں محروم عنایت کیسی
سخت مشکل ہے کہ جن باتوں سے توبہ کی تھی
پھر انھیں باتوں میں لگتی ہے طبیعت کیسی
مست ہوں رقص پہ آنکھیں ہیں تو نغموں پر کان
بے محل حضرتِ واعظ یہ نصیحت کیسی
بے طلب محفلِ اغیار میں پہنچے احمدؔ
شرم آتی نہیں جاتی رہی غیرت کیسی
باز آ باز آ یہ طور بُرے ہیں احمد
دور از حال تری ہو گئی حالت کیسی
*** 

غزل
ان سے شکوہ کیا جاہل ٹھہرا
میں ہی خود پردۂ حائل ٹھہرا
عشق ناکام نہیں ہو سکتا
وہی رستہ وہی منزل ٹھہرا
نہ ملی کون و مکاں میں راحت
تم کو دیکھا تو میرا دل ٹھہرا
ڈھنگ ملنے کے نرالے دیکھے
مٹ گیا جو وہی واصل ٹھہرا
جو ہوا آپ کا منظورِ نظر
وہی شایانِ سلاسل ٹھہرا
ہوئی کونین سے الفت سب کو
تو جو کونین کا حاصل ٹھہرا
مقصدِ خاص تھا جس دل میں رقم
وہی دل صفحۂ باطل ٹھہرا
بٹ گیا تفرقہ نفس و کمال
جسے دیکھا وہی کامل ٹھہرا
مے کشوں کو ترے تسکین کہاں
بحرِ ذخار بھی ساحل ٹھہرا
چشم ہر سو نگراں پیدا کر
کھائی چوٹ اس نے جو غافل ٹھہرا
تھا فلک سے بھی سوا طاقت میں
جو ترے راز کا حامل ٹھہرا
پھر کسی دید کے قابل نہ رہا
جو تری دید کے قابل ٹھہرا
خضر بھی چھوڑ گئے رستے میں
شوق سالارِ قوافل ٹھہرا
زندہ وہ تھا جو رہا مثل چراغ
جل کے بھی رونقِ محفل ٹھہرا
حیف اے دل کہ رہا تو محروم
آئینہ دید کے قابل ٹھہرا
ہم وہ آئینہ ہیں جو آئینہ
آئینہ گر کے مقابل ٹھہرا
دو جہاں دیں تو توجہ نہ کرو
میں فقط آپ کا سائل ٹھہرا
غیرتِ عشق اگر ہے احمدؔ
دوسروں کو نہ وسائل ٹھہر
***
 

غزل

پھر نہ جنت میں بھی وہ دل ٹھہرا
جو ذرا تیرے مقابل ٹھہرا
ساربان کچھ تو مرا دل ٹھہرے
دے ذرا ناقۂ محمل ٹھہرا
مرنے جینے کو میرے طے نہ کیا
تمھیں یہ کام بھی مشکل ٹھہرا
صاف دل میں ہے ترے ظلم کا نقش
جس طرح رخ پہ ترے تِل ٹھہرا
کیا سحر ہے کہ تری آنکھوں میں
سرمہ بھی جادوئے بابل ٹھہرا
اُسے دیکھا تو ہوئے سب خاموش
جھوٹ سچ قصہ باطل ٹھہرا
راز کا پاس تھا ہم کو ورنہ
اس طرح کب کوئی بسمل ٹھہرا
دین کو رو ہی رہا تھا کہ مجھے
روکنا جان کا مشکل ٹھہرا
مجھ کو دوزخ میں جلاتا ہی رہا
پھر بھی تو حور شمائل ٹھہرا
چشم بد دور ترا جوش طرب
نالہ آہنگِ عنادل ٹھہرا
خود کشی عشق کو سب کہتے ہیں
جو مری زیست کا حامل ٹھہرا
فتنہ پرداز کو دی تھی ترغیب
اپنا میں آپ ہی قاتل ٹھہرا
کچھ تو احساس تجھے بھی ہو مرا
کوئی تو مدِ مقابل ٹھہرا
میرے رونے پہ تری بزم ہے خوش
نوحہ گر مطرب محفل ٹھہرا
پیچ در پیچ تمھاری باتیں
اور میں سادہ خصائل ٹھہرا
سب نے مانا تھا مسیحا جس کو
وہ مرا دشمنِ قاتل ٹھہرا
موت سے کام مجھے کیا احمدؔ
اُس کے مقتولوں میں داخل ٹھہرا
 

غزل

یہ دل جاں سے گزر جائے تو اچھا
وفا میں نام کر جائے تو اچھا
مجھے دیکھا طبیبوں نے تو بولے
کہ یہ بیمار مر جائے تو اچھا
مجھے راحت ہے مر جانا بھی لیکن
شبِ فرقت گزر جائے تو اچھا
بہت دلچسپ ہے ناصح تری بات
مگر دل میں اتر جائے تو اچھا
کہاں تک خوف بہ سیل و حوادث
اگر سر سے گزر جائے تو اچھا
دمِ آخر کا حال اُن کو نہ بھیجو
وہاں پوری خبر جائے تو اچھا
عزیزوں سے کیا احمدؔ نے انکار
وہ ظالم بھی مُکر جائے تو اچھا
 

غزل (ذوقؔ کی زمین میں)

لطف ہر بات سے ہر حال میں حاصل ہوتا
ذوقِ الفت سے خبردار اگر دل ہوتا
دل نہیں سنگ سے بدتر ہے اگر دل ہوتا
ایک آئینہ ترے منہ کے مقابل ہوتا
نہ ملا مقتلِ عشاق میں زاہد کا پتہ
آتا میدان میں گر وہ کسی قابل ہوتا
شوقِ دیدار میں اتنا تو اثر ہو مجنوں
دامنِ چاک ترا پردۂ محمل ہوتا
کچھ تجھے کچھ مجھے دونوں کو مزہ آ جاتا
تیری دزدیدہ نگاہوں سے جو بسمل ہوتا
ہمیں مل جائیں اگر دیکھنے والی آنکھیں
خار بھی گل کا یہاں دید کے قابل ہوتا
اٹھ گئے یار سب آغازِ محبت ہی میں
پار ہوتے اگر اس بحر کا ساحل ہوتا

دیکھ سکتی اسے اے دیدہ دیدار طلب
رخِ روشن جو مثال مہِ کامل ہوتا
دم نکل جاتا خوشی سے یہ بشارت سن کر
جو مرے قتل پہ آمادہ وہ قاتل ہوتا
صبر اور ہجر کی ایذا پہ بہت مشکل تھا
چیخ اٹھتا جو تری یاد سے غافل ہوتا
مل نہ جاتی جو اسے آہ و فغاں کی رخصت
سانس لینا ترے دل خستہ کو مشکل ہوتا
جس پہ قرباں ہے احمدؔ وہ ادا ہے کچھ اور
بوالہوس تھا جو تری شکل پہ مائل ہوتا
*** 

غزل

ہے یہی یار کی خوشی نغمہ شکر گائے جا
رنج و الم اٹھائے جا چوٹ پہ چوٹ کھائے جا
جو تیرے جاں نثار ہیں دیر سے بے قرار ہیں
تیرِ نظر چلائے جا چشم خوں بہائے جا
مجھ کو ہے اے ستم شعار شرکتِ غیر ناگوار
صرف مجھے ستائے جا صرف مجھے منائے جا
ہوں تو ہوں راہ میں خطر راہ روئے حرم نہ ڈر
عین ظفر ہے یہ سفر آگے قدم بڑھائے جا
ہوش میں آ چلے ہیں ہم مطرب خوش نوا نہ تھم
ساز وہی بجائے جا راگ وہی سنائے جا
وہم و گماں کا جوش ہے جان و بدن کا ہوش ہے
دل میں ابھی سمائے جا نقش خودی مٹائے جا
بارشِ ابر ہو ادھر تابش برق ہو اُدھر
روئیں گے ہم بھی زار زار تو یوں ہی مسکرائے جا
سن کے پیام کیا کہا ہنس کے جواب کیا دیا
قاصدِ خوش خبر مجھے ذکر یہی سنائے جا
گرتی ہیں بجلیاں گریں جلتی ہیں بستیاں جلیں
زیرِ نقاب کچھ نہ کچھ اپنی جھلک دکھائے جا
پوری اگر ہے جستجو ہوکے رہے گا روبرو
احمدؔ رہ نورد تو اُس کا پتہ لگائے جا
*** 

غزل
گھنی زلفوں میں الجھایا گیا ہوں
بلا کے پیچ میں لایا گیا ہوں
محبت کے طریقے مجھ سے پوچھو
بہت اس راہ میں آیا گیا ہوں
بڑے دلکش تھے تاج و تختِ شاہی
کھلونے دے کے بہلایا گیا ہوں
مری فریاد بے معنی سنے کون
بغیر آتش کے جلوایا گیا ہوں
یہ مجھ پر بے سبب ظلم و ستم کیوں
میں خود آیا نہیں لایا گیا ہوں
یہ ذلت ہے مجھے عزت سے بہتر
تری ٹھوکر سے ٹھکرایا گیا ہوں
کہاں پاؤں ٹھکانہ بیٹھنے کا
تری محفل سے اٹھوایا گیا ہوں
بھلا اب کس کے در پہ سر جھکاؤں
فرشتوں سے میں پُجوایا گیا ہوں
میں ہوں اسرارِ فطرت کا خزینہ
دلِ انساں میں دفنایا گیا ہوں
کہاں قیدِ توہّم سے رہائی
بہت مضبوط بندھوایا گیا ہوں
لگے کیا دل مرا ویراں جہاں میں
کہ جنت سے نکلوایا گیا ہوں
سمجھنے سے مرے حکمت ہے عاجز
بہت پیچیدہ بنوایا گیا ہوں
مصیبت سے نہیں اک دم جدائی
میں جب سے ہوش میں لایا گیا ہوں
مجھے کیا کامیابی سے خوشی ہو
ہزاروں بار ترسایا گیا ہوں
***
 

غزل

زہر دیتے بھی نہیں زعم مسیحائی بھی
تپ فرقت ہے طبیبو! غمِ تنہائی بھی
حسن اور حسن پہ ہے دعوے یکتائی بھی
بدلی نیت کی طرح سمت جبیں سائی بھی
موت کے منہ میں جیا کرتے ہیں زخمی تیرے
زہر بھی ہے دم خنجر میں مسیحائی بھی
عشق کے حملہ اول ہی میں دل ختم ہوا
ہوش پرواں ہوئے ٹھہری نہ توانائی بھی
جب گری برقِ تجلی تو رہا خشک نہ تر
آگ میں اہلِ نظر بھی ہیں تماشائی بھی

اپنی آزادی کو روتی ہے قفس میں بلبل
آئی کیا خاک جو اُس وقت سمجھ آئی بھی
ساری امیدیں تر و تازہ ہیں آخر دم تک
ہیں غضب تیرے ستم بھی ستم آرائی بھی
جب مری جاں سے ہے وابستہ تری مشق ستم
جور کے ساتھ ہو کچھ حوصلہ افزائی بھی
مدد اے خضر کے رستے ہیں بہت پیچیدہ
فکر گردش میں ہے چکر میں ہے دانائی بھی
ہوں صفا کیش تو اغیار ہیں یاروں سے سوا
نہ ہو اخلاص تو اغیار بھی ہیں پھر بھائی بھی
اک ترے غم نے کیا سارے غموں کو زائل
ہے فلاطون زمانہ ترا سودائی بھی
آبِ رحمت کی جگہ برق ہی گرتے دیکھی
گر مری خشک زراعت پہ گھٹا چھائی بھی
عشق ہے عشق تو پھر ہجر کی برداشت کہاں
چارہ بے فائدہ بے کار شکیبائی بھی
اس نے تو آپ بلایا تھا کہ حالات سنے
میں ہی گم ہو گیا جاتی رہی گویائی بھی
اے خرد ہم پہ گراں ہے یہ ترا لطفِ مدام
دلِ بیمار کو درکار ہے تنہائی بھی
بُتِ مغرور کی ٹھوکر بھی میسّر نہ ہوئی
کی عزیزوں نے بہت ناصیہ فرسائی بھی
ان سے ملنے کے لیے شوقِ طلب تھا رہبر
بے خبر عقل تھی نادان تھی دانائی بھی
چشمِ بیمار کی چولیں بھی نہ سنبھلیں اے دل
دیکھ لی ہم نے تری معرکہ آرائی بھی
چھوڑا اس قصے کو اے نامہ بر اتنا کہہ دے
پائی جاتی ہے کچھ امیدِ پذیرائی بھی
کھوج اس آہوئے رم دیدہ کا ملنا معلوم
بادہ پیما تھی یہ بادیہ پیمائی بھی
خوف ہے رنگ بنا لائیں نہ دونوں مل کر
سادگی بھی تری آفت ہے خود آرائی بھی
کی نئے جور کی تمہید جو اُس ظالم نے
حال پر میرے عنایت کوئی فرمائی بھی
اپنی کچھ فکر نہیں راز نہاں کا ہے خیال
میری رسوائی میں ہے آپ کی رسوائی بھی
خویش و احباب کو جن کے لیے تم نے چھوڑا
احمدؔ ان کو نہیں اقرارِ شناسائی بھی
 
غزل

رنج و غم سے باغ دنیا کی فضا خالی نہیں
جس میں گل بے خار ہوں ایسی کوئی ڈالی نہیں
ہیں جوان و پیر اُس کے دامِ گیسو میں اسیر
قحبۂ دنیا کسی کو چھوڑنے والی نہیں
کچھ نہیں آتا سمجھ میں آپ کا سحر و فسوں
جاورے کا رہنے والا ہوں میں بنگالی نہیں
قتل سے بچنے کی مجھ پر بدگمانی کیوں ہوئی
آج تک میں نے کوئی بات آپ کی ٹالی نہیں
سادہ گو ہوں میں نہیں آتیں سخن آرائیاں
لیکن اے شاعر یہ حالِ دل ہے نقالی نہیں
خوں چکانی کی عجب ایجاد ہے اے نیش عشق
جلد سینے پر مرے چسپاں ہے یہ جالی نہیں
منزلِ اول ہی میں دہری الجھ کر رہ گیا
اس کی نظروں میں یہ باغ دہر ہے مالی نہیں
میکدے میں کم ہیں رندوں کی سیہ مستی کے جوش
بدلیاں کعبے سے آئی ہیں مگر کالی نہیں
رفتہ رفتہ شادمانی کی امنگیں مٹ گئیں
نام کی ہے زندگی جب فارغ البالی نہیں
پہلے ہی حملے میں عقل و دیں کو غارت کر دیا
تیری آنکھیں ہیں بہت عیار متوالی نہیں
واپسیں دم تک رہا فرقِ مراتب کا لحاظ
ہم نے اپنی بات اُن کے کان پر ڈالی نہیں
دل وہ پتھر ہے جو ذوقِ دید سے محروم ہو
آنکھ ہے کس کام کی گر دیکھنے والی نہیں
گوشِ محرم چاہیے رندوں کے رمزوں کے لیے
شیخ یہ اسرار کی مجلس ہے قوالی نہیں
دل لگا کر کچھ نہ کچھ لکھیں بھی تو احمدؔ علی
لیں سخن کی داد کس سے ہند میں حالیؔ نہیں
***
 
غزل
بر زمینِ بہادر شاہ ظفر

خلشِ غم تجھے اے دل کبھی ایسی تو نہ تھی
اشک ریزی سرِ محفل کبھی ایسی تو نہ تھی
شبِ فرقت، شبِ رحلت ہی نہ ہو اے یارو
کہ مری جان پہ مشکل کبھی ایسی تو نہ تھی
جب نہیں کچھ بھی تو بدلے ہوئے تیور کیسے
تیز چتون تری قاتل کبھی ایسی تو نہ تھی
دل نے دنیا سے کیا قطعِ تعلق شاید
کہ فراغت مجھے حاصل کبھی ایسی تو نہ تھی
کستے جاتے ہیں مگر نارِ نظر کے پھندے
مجھے تکلیف سلاسل کبھی ایسی تو نہ تھی
نزع ہے موت نہیں دیکھیے کیا ہو انجام
کوئی اس راہ میں منزل کبھی ایسی تو نہ تھی
جل گئی قہر کی گرمی سے مری کشتِ امید
تیری عادت مہِ کامل کبھی ایسی تو نہ تھی
کیا نظر بھی تری بدلی مری قسمت کی طرح
جو مرے حال سے غافل کبھی ایسی تو نہ تھی
کاش خلوت کا ارادہ ہو کہ جلوت اُن کی
جسم اور جان میں حائل کبھی ایسی تو نہ تھی
لٹ گیا قافلہ پھولوں کا چمن میں شاید
سُنی فریادِ عنادل کبھی ایسی تو نہ تھی
روؤں تو ہنستے ہیں شکووں پہ خفا ہوتے ہیں
بات بگڑی ہوئی اے دل کبھی ایسی تو نہ تھی
کچھ ہوا قصدِ تلافی کہ طبیعت اُن کی
میری دلجوئی پہ مائل کبھی ایسی تو نہ تھی
چوٹ کچھ دل میں لگی ہے نگہ بسمل کی
مضطرب شوخیِ قاتل کبھی ایسی تو نہ تھی
ناخدا پیش نہ آئے کہیں طوفانِ بلا
کہ مجھے حسرتِ ساحل کبھی ایسی تو نہ تھی
ضبط شاید کششِ حسن سے مغلوب ہوا
روح پرواز پہ مائل کبھی ایسی تو نہ تھی
نذرِ جاں لے کے وہ خوش بھی ہیں کرم پر ہے کرم
جنس یہ قدر کے قابل کبھی ایسی تو نہ تھی
جان بیتاب ہے اور موت کے آثار احمدؔ
غم زدہ رخصت محمل کبھی ایسی تو نہ تھی
***
 
غزل
آغا جان عیشؔ کی زمین میں

جب دیا دل کہ دل دیے ہی بنی
وہ کیا کام جو کیے ہی بنی
اُس کو دیکھا تو دل دیے ہی بنی
پھر جو اس نے کہا کیے ہی بنی
دیے امید نے بڑے دھوکے
اُن نصیبوں پہ بھی جیے ہی بنی
سحر تھا التفاتِ ساقی میں
جس کو ساغر دیا پیے ہی بنی
راز داری رہی جنوں میں بھی
چاک سینے کے تھے سیے ہی بنی
شوق نے کر دیا ہمیں ناچار
جو نہ کرنا تھا وہ کیے ہی بنی
کیسے بچتے کہ اُن کا ایما تھا
بار سر پر اٹھا لیے ہی بنی
دشمنِ جاں ہوئی وفاداری
مر رہے تھے مگر جیے ہی بنی
تھک گئے تھے اٹھا اٹھا کے ستم
چھپ کے مرقد میں دم لیے ہی بنی
اُن کے تارِ نظر سے آخرکار
زخمِ تیرِ نظر سئے ہی بنی
دیکھتا کیوں کر اُن کی ناامیدی
جان مطلوب تھی دیے ہی بنی
مضطرب کی دعا خدا کی پناہ
ان کو خود معذرت کیے ہی بنی
مدتوں نزع میں رہے آخر
بیوفائی ہمیں کیے ہی بنی
اس مصیبت کا لیں وہ کیوں الزام
جو مصیبت مرے لیے ہی بنی
جب دیا اس نے بزمِ غیر میں جام
زہر کا گھونٹ تھا پئے ہی بنی
عشق پر بس نہ چل سکا احمدؔ
سر تسلیم خم کیے ہی بنی
***
 

غزل

تن من میں ایک آگ سمائی ہوئی سی ہے
یہ خود نہیں لگی ہے لگائی ہوئی سی ہے
پرہیز یادِ یار سے کیوں کر ہو اے طبیب
تصویر اس کی دل میں سمائی ہوئی سی ہے
وہ اور مجھ کو پوچھنے آئیں، نہیں نہیں
یہ بات نامہ بر کی بنائی ہوئی سی ہے
اے غمگسار ہم ہیں ازل سے شکستہ دل
جو دل پہ چوٹ آئی ہے کھائی ہوئی سی ہے
آنکھوں کا رنگ و روپ تو آنکھوں سے دیکھ جاؤ
پتلی ہر ایک خوں میں نہائی ہوئی سی ہے
کیا جانے وہ ابھی ستمِ ہجر بعدِ وصل
تدبیر یہ کسی کی بتائی ہوئی سی ہے
جاری ہر ایک سانس پہ ہے موت کا عمل
آئی نہیں قضا مگر آئی ہوئی سی ہے
جاں جفا پسند کو راحت کہاں نصیب
کم بخت کچھ ازل کی ستائی ہوئی سی ہے
کیا حفظِ راز ہو کہ سمجھنے لگے عزیز
لگتی نہیں جو آنکھ لگائی ہوئی سی ہے
ہستی ہماری اُس متکبّر کے سامنے
اک مشتِ خاک وہ بھی اڑائی ہوئی سی ہے
راضی ہیں ہم رضا پہ تری اے ستم شعار
احمدؔ کی ہر مراد برائی ہوئی سی ہے
***
 

غزل

یوں عالم خراب بنا اور بگڑ گیا
گویا طلسم خواب بنا اور بگڑ گیا
نقشہ تھا وہ ہماری حیات و ممات کا
دریا میں جو حباب بنا اور بگڑ گیا
کیا کہیے کیا نہ کہیے جو وہ نکتہ چیں ملے
سو بار یہ حساب بنا اور بگڑ گیا
اچھی تھی شکل بدر کی گھٹنے سے گھٹ گئی
رُخ کا ترے جواب بنا اور بگڑ گیا
نازاں ہے شیخ قدرے مقامِ بلند پر
یہ خانماں خراب بنا اور بگڑ گیا
پھر دل کو سوزِ دل طلب ذوقِ نو کی ہے
یعنی جگر کباب بنا اور بگڑ گیا
طوفان اشک و آہ و فغان سے ہزار بار
بالائے سر سحاب بنا اور بگڑ گیا
ہو عُمر عمرِ نوح بھی تو اعتبار کیا
دنبالہ شباب بنا اور بگڑ گیا
بے درد تو نے کی نہ مرے آنسوؤں کی قدر
کیا کیا درِ خوشاب بنا اور بگڑ گیا
رند شکستہ حال کے مدفن کی خاک تھی
جو ساغرِ شراب بنا اور بگڑ گیا
سب زندگی نمائشِ امید و یاس تھی
پیشِ نظر سراب بنا اور بگڑ گیا
سب ولولے مٹا دیے فکرِ مآل نے
ہنگامہ شباب بنا اور بگڑ گیا
ایسا مکاں بنا کہ ہمیشہ بنا رہے
یہ کیا کہ اک حباب بنا اور بگڑ گیا
جمنے لگی ہے چہرے پہ کچھ کچھ نگاہِ شوق
جلوہ ترا کتاب بنا اور بگڑ گیا
احمدؔ جہاں میں عیش جہاں کی نمود کیا
ساغر میں اک حباب بنا اور بگڑ گیا
*** 

غزل
ہوا زاہد بھی آخر معترف سوزِ محبت کا
کہ سیدھا راستہ نکلا اسی دوزخ میں جنّت کا
کہاں اب وصل کے نغمے کہاں اب ہجر کے نوحے
کہیں ہنسنا ہے غفلت کا کہیں رونا ہے شامت کا
جہاں مشتاق محشر خیز جلوہ حسن بے ہمتا
مناسب تھا جو اُس نے وعدہ فرمایا قیامت کا
کوئی مظلوم سہ سہ کر جفائیں مرگیا شاید
رہی امید راحت کی نہ اندیشہ مصیبت کا
مقدر کا لکھا ہوتا ہے پر اکثر یہ دیکھا ہے
موافق تیری مرضی کے عمل ہے میری قسمت کا
جو یوں آساں نہیں اس کی ادائیں دلفریبی میں
ہمیں کھانا پڑا دھوکا مدارا پر عنایت کا
فلک نے چاند اور سورج کو لے کر مدتوں ڈھونڈا
نہ پایا تیری سیرت کا نہ دیکھا تیری صورت کا
ہوئی ہے شب کہاں دشتِ طلب کے جادہ پیما کو
جہاں ہر دم ہے دن کی روشنی میں خوف غارت کا
یہ مانا عشق عصیاں ہے مگر اے مہرباں واعظ
ہمارا جرم ضامن ہو گیا خود ہی شفاعت کا
جدائی میں رہا تیرا مریض سخت جاں برسوں
مثالِ جاں بلب کوئی گھڑی کا کوئی ساعت کا
ذرا سی رہ گئی ہے اے فلک آرام لینے دے
نہ میں سائل ہوں عزت کا نہ میں طالب ہوں عشرت کا
محبت نے مجھے محفوظ رکھا ہر مصیبت سے
تباہی خیز تھا حملہ زمانے کی عداوت کا
نکالا آپ نے کوچے سے اپنے اور ہم نکلے
مگر کس طرح گویا قصد ہے دنیا سے رحلت کا
نہ اتنا تنگ کر ظالم کہ نوبت آہ تک پہنچے
لب فریاد مضطر قفل ہے بابِ اجابت کا
لبوں تک آتے آتے خندہ شیون بن گیا احمدؔ
بہت مشکل ہے دل میں بند رکھنا جوشِ حسرت کا
***
 

غزل

اپنا تو کام ہے در و دیوار دیکھنا
شاید کہ ہو نصیب رخ یار دیکھنا
دیکھا ہے جس نے تجھ کو پھر اُس کی نگاہ میں
ہے دیکھنا جہاں کا بیکار دیکھنا
ہیں دیکھتی بہار کی حسن آفرینیاں
کیا دیکھنا ہے یہ گل و گلزار دیکھنا
وہ مل گئے تو دل کا جنوں اور بڑھ گیا
ضد ہے کہ اب نگاہ میں سو بار دیکھنا
طالب ہوں حوصلے کے موافق نگاہ کا
میری طرف بھی چشم ستم گار دیکھنا
ہمت نہ ہار اے دل درماندہ راہ میں
وہ سامنے ہے جلوہ گہِ یار دیکھنا
جو دیکھنے کی چیز تھی دیکھی نہیں گئی
زخم کہن ہے دیدہ تو آزار دیکھنا
آنکھ اُن کی آنکھ اور نظر ان کی ہے نظر
آتا ہے جن کو خار میں گلزار دیکھنا
کیا دیکھیے کہ سامنے گرتی ہیں بجلیاں
بے پردہ چھپ گیا بُت عیار دیکھنا
آنکھوں میں آفتاب سما جائے بھی تو کیا
ممکن نہیں تجلیِ رخسار دیکھنا
واعظ بھی میکدے میں رہے کل تمام رات
شان آپ کی ہوئے ہیں جو بیدار دیکھنا
چھولیں قدم نہ اس مہ تاباں کے ہاتھ سے
پیچھے لگی ہوئی ہے شبِ تار دیکھنا
دید و شنید ساقی و مطرب نہیں تو پھر
سننا عذاب جاں دل آزار دیکھنا
سو دام ہیں چھپے ہوئے بلبل کی راہ میں
نادان ہو نہ جائے گرفتار دیکھنا
دنیا کے ملک و مال نہ جنت کی آرزو
احمدؔ کو ایک رہ گزرِ یار دیکھنا
***
 

غزل

ہر دم جدید شان ہے تو جلوہ گر نہ ہو
عالم اس انقلاب سے زیر و زبر نہ ہو
جادو ہے اُس نگاہِ فسوں گر کے تیر میں
ہو دل میں غرق جلدِ بدن کو خبر نہ ہو
ہونے لگا ہے مآل سے انساں کا مول بھی
بے قدر آدمی ہے اگر سیم و زر نہ ہو
اب مجھ میں صبر و ضبط کی طاقت نہیں رہی
اے پردہ دار پردہ کہیں پردہ در نہ ہو
شکوہ زمیں سے ہے نہ گلہ آسمان سے
وہ باغ ہم لگاتے ہیں جس میں ثمر نہ ہو
افسوس ہوں عدو کی سخن سازیاں درست
لیکن ہماری آہ و بُکا معتبر نہ ہو
فرمایا آپ نے تو سلام و کلام ترک
لازم ہے احتیاط مگر اس قدر نہ ہو
یہ کم نہیں کہ آپ عیادت کو آئے ہیں
یہ سچ نہیں کہ آہ و فغاں میں اثر نہ ہو
مطلب یہ ہے کہ فرضِ محبت ادا کریں
پروا نہیں جو میری وفا بار ور نہ ہو
خود مست ہوں خیال میں اس مے پرست کے
کچھ غم نہیں اگر شبِ فرقت سحر نہ ہو
تو پوچھتا نہیں تو کوئی پوچھتا نہیں
غفلت مجھے قبول مگر اس قدر نہ ہو
باتیں کرو نہ مجھ سے مگر بزمِ غیر میں
لے لو اگر سلام تو غم اس قدر نہ ہو
خط اپنے لے کے آپ نہ آؤں تو کیا کروں
جب اپنا راز دار کوئی نامہ بر نہ ہو
احمدؔ علی سزا ہے یہ نقصانِ عشق کی
دردِ جگر ہو لذتِ دردِ جگر نہ ہو
***
 
غزل

دل جان کا عذاب ہے الفت اگر نہ ہو
سر ہے وبال دوش اگر دردِ سر نہ ہو
کس کام کا وہ دل ہے نہ ہو جس میں تیری یاد
کس کام کی وہ آنکھ ہے جس میں نظر نہ ہو
اے بلبلِ حزیں مرے قابو میں دل نہیں
اس درد سے خدا کے لیے نوحہ گر نہ ہو
واعظ وہی تو سب سے زیادہ ہیں مستحق
جن میں تمام عیب ہوں کوئی ہنر نہ ہو
اللہ رے خلش تری تیکھی نگاہ کی
ہوتا ہے شک جگر میں کوئی نیشتر نہ ہو
ہمت کی شان یہ ہے کہ زخموں پہ زخم کھائیں
لیکن ہمارے جسم پہ داغِ سپر نہ ہو
سب جان و ملک و مال کیا صرف عشق میں
سودا وہی ہے جس میں ضرر کا خطر نہ ہو
دیکھا نہیں بہم سر و ساماں زمانے میں
مثلِ صدف گہر ہو میسّر تو سر نہ ہو
وہ موت زیست آئے جو تیرے خیال میں
وہ زیست موت جو ترے در پر بسر نہ ہو
مقصد ترا عیاں مری منزل ہے ناپدید
اے قیس غمگسار مرا ہمسفر نہ ہو
عالم کو مثل گور نہ سمجھے تو کیا کرے
وہ بدنصیب جس کا ترے دل میں گھر نہ ہو
انصاف کیجیے یہ بھی کوئی راہ و رسم ہے
تم کو ہماری ہم کو تمھاری خبر نہ ہو
فانی جہاں میں سر بہ فلک ہیں عمارتیں
سیلاب کوئی در پے دیوار و در نہ ہو
احمدؔ اسی میں خیر ہے راضی رضا پہ رہ
اے بے خبر حریفِ قضا و قدر نہ ہو
***

 

غزل

سامنے یار و کوئے یار سجدہ گہِ نیاز ہو
پڑھتے رہیں تمام عمر ایسی اگر نماز ہو
ہے یہ کمی نیاز کی جو نہ عزیزِ ناز ہو
خسروی بندگی میں ہے بندہ اگر ایاز ہو
پاؤں شکستہ راہ بند پھر یہ ستم پہ ہے ستم
تیر فگن ہر اک طرف دیدۂ نیم باز ہو
اُن کی نظر سے پا گئے خوش ہیں وہ رنج سے مرے
غم نہیں اب جو حشر تک ہجر کی شب دراز وہ
درد و الم کی داستاں خاک اثر کرے وہاں
زمزمۂ طرب جہاں آہِ جگر گداز ہو
قلزمِ عشق کا سفر خود ہے وسیلہ خود ظفر
ہے وہی منزل مراد غرق جہاں جہاز ہو
ایک دل اور ہزار غم ایک گل اور ہزار خار
حیف کہ جائے عندلیب پنجۂ شاہباز ہو
سہل ہیں باریابیاں محفلِ یار میں اگر
عشق میں شمع کی طرح سوز کے ساتھ ساز ہو
ہم پہ ستم ہوں بے شمار غیر پہ لطف بار بار
عشق و ہوس میں چاہیے اتنا تو امتیاز ہو
زہر ہے وہ دوا نہیں قہر ہے وہ شفا نہیں
چارہ گری روا نہیں درد جو دل نواز ہو
بن گئی جنتِ حیات پیرِ مغاں کی ایک بات
پیش نگاہِ سومنات قبلہ جاں حجاز ہو
دولتِ حسن بے قیاس پیرہنِ فقیر تنگ
کاش یہ چادرِ فلک دامن حرص و آز ہو
دل ہے وہ ارجمند جو خاک ہو راہِ دوست میں
سر ہے وہ سر بلند جو دار پہ سرفراز ہو
پردے عجیب طرح کے عقل پہ ہیں پڑے ہوئے
ذکر ہر اک زبان پر پھر بھی نہ فاش راز ہو
ہو جو ذرا سی خاکِ پا دیدۂ کور کو عطا
آئینۂ خدا نما صورت ہر مجاز ہو
احمدؔ رنجِ دوست کو چھوڑ دیں اُس کے حال پر
کوئی نہ غمگسار ہو کوئی نہ چارہ ساز ہو
***
 
غزل
برائے طرحی مشاعرہ ۱۲/اگست ۱۹۴۱ء
(مصرعِ طرح: جب تک کہ یہ زمین رہے اس آسماں سے دور)

مستِ مئے الست ہیں سود و زیاں سے دور
رندوں کی زندگی ہے غمِ ایں و آں سے دور
افکار سے فگار ہیں امن و اماں سے دور
حرماں نصیب جو ہیں ترے آستاں سے دور
ہونا اگر ہے فتنۂ آخر زماں سے دور
رہنا کبھی نہ درگہِ پیرِ مغاں سے دور
تاریک شب سیاہ گھٹا دشت ہولناک
میں رہ نورد آبلہ پا کارواں سے دور
رہزن لگے ہوئے ہیں مسافر کے آس پاس
اچھا نہیں سفر میں رہیں کارواں سے دور
تو پوچھتا نہیں تو کوئی پوچھتا نہیں
پھرتے ہیں خوار و زار ترے آستاں سے دور
گنج رواں کے واسطے رنجِ رواں ہے شرط
آرامِ جاں کو ڈھونڈئیے آرامِ جاں سے دور
شوخی نے وصل و ہجر کا جھگڑا مٹا دیا
جاں ہے قرینِ عمر بھی عمرِ رواں سے دور
آیا جو عشق دل میں تو رخصت ہوئی خرد
رہتا ہے میزبان یہاں مہماں سے دور
تدبیر کوئی شیخِ حرم آپ ہی بتائیں
دل سخت بے قرار ہے کوئے بتاں سے دور
دیکھے ہیں ترے عہد میں اے موجد ستم
جو تازہ تازہ جور تھے وہم و گماں سے دور
مطلوب جستجو ہے بیاباں و کوہ میں
اک آہوئے رمیدہ سراغ و نشاں سے دور
اُن کے لیے جہنم دنیا بھی ہے بہشت
ہے جن کی بود و باش چنیں و چناں سے دور
کج طبع و راست باز ہیں اتنی ہے دوستی
جتنے میں کوئی تیر ہو مل کر کماں سے دور
رونے پہ اس کے روتے ہیں احباب زار زار
اک عندلیب ہے چمن و آشیاں سے دور
احمدؔ ہوئے نہ سیر کبھی دل کی سیر سے
ہیں اُن کے لالہ زار و گلستاں خزاں سے دور
***
 

غزل

دگرگوں دم بدم رودادِ عالم ہوتی جاتی ہے
شیاطیں کی طرف اولادِ آدم ہوتی جاتی ہے
فلک بے مہر گیتی دشمن و معشوق بے پروا
مری ہر آرزو سرمایۂ غم ہوتی جاتی ہے
یہ ہے عقدِ محبت آپ کے کھینچے سے کیا حاصل
گرہ کیسی بھی ہو کھینچے سے محکم ہوتی جاتی ہے
تصور جمتا جاتا اور پردے اٹھتے جاتے ہیں
مرے دل میں تری صورت مجسم ہوتی جاتی ہے
محبت ہے محبت پھر تو راحت ہے اذیت بھی
نمک پاشی تری زخموں پہ مرہم ہوتی جاتی ہے
مری افتادگی سے سرکشی بھی دب گئی آخر
کہ گردن اس بُتِ مغرور کی خم ہوتی جاتی ہے
یہ ڈر ہے خود بدولت بھی کہیں رسوا نہ ہو جائیں
مری دیوانگی مشہورِ عالم ہوتی جاتی ہے
شریکانِ طریقت میں نہ پھیلے درہمی کیوں کر
توجہ شیخ کی مصروفِ درہم ہوتی جاتی ہے
ستم تیرا کرم نکلا خدا یاد آگیا مجھ کو
متاعِ آخرت کچھ کچھ فراہم ہوتی جاتی ہے
بڑھی ہے کس قدر احمدؔ توجہ عام لوگوں کی
محبت کی پریشانی بھی اب کم ہوتی جاتی ہے
***
 

غزل (اپریل ۱۹۴۳ء)

دنیا سے نہ رکھ امید وفا بے مہر بھی ہے مکار بھی ہے
تمہید ستم ہے اس کا کرم عیار بھی ہے دلدار بھی ہے
طیارے اڑاتا پھرتا ہے پھر گر گر کر مرتا بھی ہے
انسان میں دو ضد ہیں یکجا مجبور بھی ہے محتاج بھی ہے
جو میں نے کیا اُس نے دیکھا یہ شرم عذاب سے بھی ہے سوا
ہرچند کہ شاہنشاہ مرا ستّار بھی ہے غفّار بھی ہے
ہر وعدہ تسلی کا نسخہ ہر وعدے کی شرطیں ہوش رُبا
اللہ رے یار کی عیاری اقرار بھی ہے انکار بھی ہے
اک مکھی قند پہ آسودہ ہے دوسری شہد میں آلودہ
بازار جہاں سے گزر جانا آسان بھی ہے دشوار بھی ہے
پوچھا ہے کہ تم کیا لائے ہو بے گنتی اداؤں کے بدلے
پترے ہیں کرم کے کھلے ہوئے سنسار کا پالن ہار بھی ہے
ایماں ہے ریائی کفر کھلا ہوتا ہے دیکھیے فیصلہ کیا
میزان عمل میں تُلنے کو تسبیح بھی ہے زنّار بھی ہے
بستی ہو پہاڑ ہو یا جنگل رہزن کا خطر ہے نہ چور کا ڈر
اس قافلے میں اک مرد خدا رہبر بھی ہے سالار بھی ہے
تاریک ہے شب گھنگھور گھٹا جگنو کی چمک ہے راہنما
اس دل کو نصیحت کیا کیجیے سرشار بھی ہے بیزار بھی ہے
بے شک ہے بڑی فردِ نسیاں لیکن اے رحمت حیلہ طلب
میرے ہر جرم کے پہلو میں افسوس بھی استغفار بھی ہے
بے بود و نمود کے دھوکے میں احمدؔ یہ گرفتاری کب تک
گمراہ نظر کی غلط بینی صحرا بھی گل و گلزار بھی ہے
***
 

غزل (قبل از ۱۹۳۰ء، بہ طرح: ’کبھی ہم سے کبھی غیروں سے شناسائی ہے‘)

آپ کو دیکھ لیں یہ مقصد بینائی ہے
آپ کو جان میں یہ مطلب دانائی ہے
پاس رہنے کا طلبگار ہے سودائی ہے
یہی کافی ہے کہ دل تیرا تمنائی ہے
اے فلک تجھ کو عبث زعم توانائی ہے
ناتوانوں کی مددگار شکیبائی ہے
کبھی پوری نہ ہوئی پھر بھی وہی ہے امید
مینہ برستا نہیں مدت سے گھٹا چھائی ہے
ہمیں اس آہوئے رمدیدہ کا ملنا ممکن
دل کے بہلانے کو یہ بادیہ پیمائی ہے
اپنی عزت کی مجھے فکر نہیں خوف یہ ہے
میری رسوائی میں خود آپ کی رسوائی ہے
دیکھیے صبر و تحمل کا نتیجہ کیا ہو
کہ بہت حوصلہ فرما شب تنہائی ہے
کامیابی ہے سبب تازہ تمناؤں کا
فائدہ کیا جو تمنا کوئی بر آئی ہے
بے وفا بھائی ہو تو غیر ہے وہ بھائی نہیں
با صفا غیر ہو تو غیر نہیں بھائی ہے
تم کو منظور ہو تو لطف و کرم فرماؤ
یوں تو ہر ایک حسیں میں ستم آرائی ہے
آپ کا ذکر وظیفہ ہے مرا محفل میں
آپ کی یاد مری مونس تنہائی ہے
برگ خاموش ہوئے گل ہمہ تن گوش ہوئے
باغ میں کوئی خبر بادِ صبا لائی ہے
دور ہوتی نہیں بگڑی ہوئی عادت دل کی
چوٹ پر چوٹ لگی پھر وہی خود رائی ہے
ختم ہو جائے کسی طرح کے یکسوئی ہو
دانش و عشق میں جو معرکہ آرائی ہے
شعر کوئی نہ ہوا خونِ جگر سے رنگیں
نہیں احمدؔ یہ غزل قافیہ پیمائی ہے
***
 

غزل (مئی ۱۹۴۳ء)

رد کر وہ خواہشیں ہیں تپاں دل کے آس پاس
بسمل ہیں اور بھی ترے بسمل کے آس پاس
جاں نذر کرنے آئے ہیں مشتاق سر بکف
دربارِ عید ہے مرے قاتل کے آس پاس
آخر لگامِ ناقہ ہوئی قیس کو نصیب
صدہا امید وار تھے محمل کے آس پاس
پھندے لگائے بیٹھے ہیں صیاد بھی وہیں
گل بھی کھلے ہوئے ہیں عنادل کے آس پاس
آیا نہیں زباں پہ ابھی صرف مدعا
رحمت کا اک حصار ہے سائل کے آس پاس
باطل کی ایک فوج ہیں سودائیانِ عشق
دانا تمام رہ گئے ساحل کے آس پاس
انجام دیکھنے پہ بھی ہے گمرہی وہی
چکر لگائے جاتے ہیں باطل کے آس پاس
جن کو سند ملی ہے وہی باریاب ہیں
کافی نگاہ بان ہیں محفل کے آس پاس
اک بے نوا گدا کی رسائی وہاں کہاں
مقتل دکھائی دیتے ہیں منزل کے آس پاس
دشوار ہے طلسم ہلاکت سے اجتناب
جلوے نظر فریب ہیں غافل کے آس پاس
ناداں خرد کو دخل نہیں کارِ عشق میں
پھرتی ہے میرے عقدہ مشکل کے آس پاس
احمدؔ کبھی تو ہوگی نظر التفات کی
رہتا ہوں اپنے مرشدِ کامل کے آس پاس
***
 
غزل
(بموقع صلح یورپ ۱۲/مئی ۱۹۴۵ء)

صلح یورپ سے نیا دور نمایاں ہوگا
قصہ جنگ و جدل خواب پریشاں ہوگا
عجب انداز سے عالم میں بہار آئے گی
کہ ہر اک دشت و بیاباں چمنستاں ہوگا
ساز پتّوں کو بنا دیں گے ہوا کے جھونکے
خود بخود زمزمہ پرداز گلستاں ہوگا
سبز پوشاک نہالانِ چمن کی ہوگی
لالہ و گل سے ہر اک سرو چراغاں ہوگا
ڈالیاں وجد میں مستوں کی طرح جھومیں گی
سر بر شاخ پہ اک مرغ خوش الحاں ہوگا
بلبلیں نغمہ سرا ہوں گی خیابانوں میں
سبزہ صحن پہ طاؤس بھی رقصاں ہوگا
عام ہو جائے گی انعامِ سرور اندوزی
جا بجا مجمعِ احباب خراماں ہوگا
ناز و انداز حسینوں کے بدل جائیں گے
دشمنِ جاں نہ کوئی دشمنِ ایماں ہوگا
بگڑی بن جائے گی یارانِ طریقت کی بات
دست مشتاق میں محبوب کا داماں ہوگا
خرد و عشق میں ہو جائے گی الفت باہم
چاک داماں نہ کوئی چاک گریباں ہوگا
جان دے دیں گے مگر آن نہ جانے دیں گے
رشتہ جاں سے سوا رشتہ پیماں ہوگا
آدمی ظاہر و باطن میں موافق ہوں گے
دل میں جو راز نہاں رکھتے تھے عریاں ہوگا
ایک ہو جائیں گے سب ایک خدا کے بندے
ساغرِ دل میں بھرا بادہ عرفاں ہوگا
جو ہے آرام رساں اس کو ملے گا آرام
جو ہے آزار رساں داخلِ زنداں ہوگا
ناتوانوں سے توانا کو محبت ہوگی
زیر دستوں کا زبردست نگہباں ہوگا
بھینس لاٹھی کا تعلق نہ رہے گا باقی
خادمِ قوم ہی اب قوم کا سلطاں ہوگا
ہوں گے راعی پدر اور اُن کی رعایا اطفال
قصر شاہی میں نہ در ہوگا نہ درباں ہوگا
جستجو ہوگی مددگار کو محتاجوں کی
درد مندوں کے ہر اک درد کا درماں ہوگا
سن کے آواز بہی خواہ تڑپ جائیں گے
کسی دکھ سے جو کوئی غم زدہ نالاں ہوگا
آپ مشاطہ گری کر کے جما وے گی صبا
بال زلفوں کا اگر کوئی پریشاں ہوگا
میزباں شوق سے مصروفِ ضیافت ہوں گے
مدعا جن کا رضا جوئیِ مہماں ہوگا
علم و حکمت کے رواں ہوں گے ہزاروں چشمے
درس میں کوئی فلاطوں کوئی لقماں ہوگا
ہنر و فن کے مظاہر بھی عجائب ہوں گے
آدمی دیکھ کے انگشت بدنداں ہوگا
ذلّتِ جہل کی تہمت سے بچے گی دنیا
جاہل انساں نہیں اک طرح کا حیواں ہوگا
خود غرض اپنی امیدوں میں رہیں گے ناکام
مقصد حرص و حسد موجب حرماں ہوگا
ساتھ عصیاں کے لگی ہوگی سزائے عصیاں
خود خطا کار خطا کر کے پشیماں ہوگا
جرم بھی اور جرائم کا محرک بھی ہے
جھوٹ فہرست بد اعمال کا عنواں ہوگا
اپنی توہین سے مکار ہر اک جلسے ہیں
منہ چھپانے کے لیے سر بہ گریباں ہوگا
فتنہ انگیز منافق کو نہ پوچھے گا کوئی
جس جگہ جائے گا مطعون و پریشاں ہوگا
فرقہ بندی غضب قوم کا باعث ہوگی
خانمانِ تفرقہ پرواز کا ویراں ہوگا
بات سچی بھی دغا باز کی سمجھیں گے جھوٹ
اپنی تشہیر سے بدنام پشیماں ہوگا
پاک ہو جائے گی انواعِ جرائم سے زمیں
اس پہ نازل کرم و رحم کا باراں ہوگا
ہوگی افراط ہر اک جنس کی بازاروں میں
قافلہ نفع پرستوں کا گریزاں ہوگا
نہ کہیں خرمنِ دہقاں پہ گرے گی بجلی
قحط کا خوف نہ اندیشۂ طوفاں ہوگا
مثلِ اجناس جواہر کی فراوانی سے
سنگریزے کی طرح گوہر غلطاں ہوگا
احمد اب ختم کرو اپنا خیالی ارشاد
جو سخن سنج کے انداز میں ہزیاں ہوگا
تم ہی سمجھاؤ کہ آئے گا سمجھ میں کیوں کر
راز جو پردۂ تقدیر میں پنہاں ہوگا
پیش بینی پہ تمھاری سخن آرائی ہے
کہ جہنم کی جگہ روضۂ رضواں ہوگا
ہوگی رفتار زمانے کی وہی جس کے لیے
خالقِ خلق شہنشاہ کا فرماں ہوگا
***
 

کلامِ فارسی  

قدیم گمشدہ غزل
(۵/دسمبر ۱۹۰۵ء)
گدام دیدہ گرائش کناں بجانِ منست
کہ سجدہ گاہِ ملک خاکِ آستاں من است
زبونِ دستِ ستم تاب ضبط آہ مخواہ
حذر ز جستِ خدنگے کہ در کمان من است
بہ ترک تازی اخواں سکوت آساں نیست
زہے شکیب کہ در قلب ناتواں من است
ہوائے دہر بہ بالم نہ ساخت افتادم
فرازِ کنگرۂ عرش آشیاں من است
تپش بہ مہر در افزائش وز گمرہیم
رواں بہ وادیِ بے آب کارواں من است
چرا نہ بہرہ دہندم ز شادمانی شاں
اگر مصیبت بے گانگاں ازاں من است
ز سر کشانِ جہاں ریمنم بہ پستی خویش
کہ زیرِ فرش زمیں عرش آسماں من است
 
غزل کے چند اشعار قبل ۱۹۰۸ء

ز خیالِ ما سوایت درِ دل فراز دارم
چہ نیاز ہا کہ باتو من بے نیاز دارم
ستم درشت کیشاں نہ گزاردم بدستاں
بدر آو قبلہ ام شو کہ سرِ ناز دارم
بہ دلِ یگانہ بینم اثر دگر نہ گنجد
نہ بسومنات میلے نہ سرِ حجاز دارم

ایضاً
بدمستی منعم از شراب است
بنیادِ مسرتش بہ آب است
عقلم در چہرہ دست نقشم
کنجشک بہ جنگل عقاب است
اے خواجہ مناز کن نہادت
ہم ز آتش و باد و خاک و آب است
آبستن از ہاست ہر راز
ناکام کسے کہ کامیاب است
بند ہجرت خوش است لیکن
آزادی بندگاں ثواب است

ایضاً (ایک شعر)
ولے کہ تشنۂ دانش بود بیارویں
یکے است نامۂ یزداں و رگِ سادہ کاہ

ایضاً (ایک شعر)
بارشِ ابر بلا قصد ہلاکم دارد
کامگار را نظرے کن سوئے ناکامے چند

چند قدیم اشعار

یارب کرمے بر منِ مسکیں تو کریمی
تو منعم و جواد تو رحمن و رحیمی
علّام غیو بستی ستّارِ عیوبی
کشاف کمر و بستی و غفّار اثیمی
نعماء تو بے غایت و الاء تو بے حد
الطاف تو بے خضر کہ ذو فضلِ علیمی
 
مزید دو اشعار

ز جہنم بہ گداز آمدہ جانم دادند
لختے از شعلہ تراشیدہ زبانم دادند
جاں ربودند و رہِ جہاں نبودند
شمع کشتند و ز خورشید نشانم دادند

تضمین بر مصرعِ حافظؔ

کے دلم خواست کہ از خانہ بزنداں بروم
خار زارِ بگزینیم ز گلستاں بروم
ہمچو وحشت زدگاں سوئے بیاباں بروم
خرم آں روز کزیں منزل ویراں بروم
راحت جاں طلبم و ز پی جاناں بروم
تضمین بر مطلعِ کشفیؔ
بارِ دگر اے تُرکِ سبکتاز نگاہے
دل می پند اے چشم فسوں ساز نگاہے
بسمل پسند اے قدر انداز نگاہے
دزدیدہ فگندی بمن از ناز نگاہے
قربانِ نگاہ تو شوم باز نگاہے

ایک شعر

در دلِ من تابکے کشمکش حزن و بیم انت رؤف الکریم انت غفور الرحیم

 

عقیدت

 
ترانہ
(بمثالِ حمد برائے طفلانِ مدرسہ اسلامیہ)
اللہ میاں آقا تو ہے
ہم بندے ہیں مولیٰ تو ہے
سب کو پالنے والا تو ہے
سب کو سنبھالنے والا تو ہے
رزق ہیں تیرا کھاتے پیتے
تیرے جلائے سب ہیں جیتے
سیدھا رستہ ہم کو دکھا دے
پڑھنا لکھنا ہم کو سکھا دے
اچھی باتیں ہمیں بتانا
اور بُرے کاموں سے بچانا
مانگتے ہم ہیں تجھ سے دعائیں
تو پوری کرتا ہے مرادیں
سمجھیں بڑی دولت اور عزت
تیری اطاعت تیری عبادت
اپنی مدد خود کرنا سیکھیں
جینا سیکھیں مرنا سیکھیں
حکم پہ تیرے جان کھپائیں
دین پہ اپنا لہو بہائیں
اپنے بڑوں کا کہنا مانیں
اسی میں اپنی بھلائی جانیں
تیری طاعت کام ہو اپنا
تیرے جہاں میں نام ہو اپنا
کرنا سب کچھ تیرے لیے ہو
جینا مرنا تیرے لیے ہو
روزے رکھیں پڑھیں نمازیں
جو حاجت ہو تجھی سے مانگیں
روز افزوں ہو وطن ہمارا
پھولے پھلے یہ چمن ہمارا
شاد رہیں سرکار ہمارے
اور اُن کے شہزادے سارے

***   نعتیہ کلام و نعتیہ غزل

برائے سالانہ مشاعرہ عید میلاد النبی
نعت (تضمین بر عبدالقادر بیدلؔ عظیم آبادی)

روزِ من گشت شب اے مہر درخشاں مددے
جاں بلب تشنہ ام اے چشمہ حیواں مددے
بخت برگشتہ ام اے خسرو دوراں مددے
سخت درماندہ ام اے قوت یزداں مددے
یا محمد بمن بے سرو ساماں مددے
قبلۂ دیں مددے کعبہ ایماں مددے
نیکیوں سے میں گریزاں ہوں خطاکار بھی ہوں
نفس و شیطاں کے فریبوں میں گرفتار بھی ہوں
دور جاری مئے غفلت کا ہے سرشار بھی ہوں
مگر آقا تری رحمت سے خبردار بھی ہوں
یا محمد بمن بے سرو ساماں مددے
قبلۂ دیں مددے کعبہ ایماں مددے
بد ہوں ایسا مری طاعت سے گنہ کو ہے عار
کیا عجب ہو مرے سجدوں سے زمیں بھی بیزار
دل پشیماں نہیں بیکار ہے سب استغفار
کیا کروں کس سے کہوں کون ہے میرا غمخوار
یا محمد بمن بے سرو ساماں مددے
قبلۂ دیں مددے کعبہ ایماں مددے
جانتا ہوں کہ برائی کا بُرا ہے انجام
پھر بھی دن رات مجھے عشرت و لذّت سے ہے کام
نہ رہا میرے لیے کوئی مقامِ آرام
گر نہ جائے کہیں دوزخ میں ترے گھر کا غلام
یا محمد بمن بے سرو ساماں مددے
قبلۂ دیں مددے کعبہ ایماں مددے
اس طرف ہیں دل و جہل و خرد بے پروا
اس طرف خواہش نفسِ و غضب و حرص و ہوا
چار سو گھیر چکی ہے مجھے فوجِ اعدا
وقت نازک ہے بہت جلد خبر لے مولیٰ
یا محمد بمن بے سرو ساماں مددے
قبلۂ دیں مددے کعبہ ایماں مددے
جلوہ فرما ہے عدالت میں شہِ عرشِ بریں
لے کے پہنچے ہیں شہید اپنا لباسِ رنگیں
نذر ہونے کو ہیں عشق و عمل صدق و یقیں
یہاں افسوس و ندامت کے سوا کچھ بھی نہیں
یا محمد بمن بے سرو ساماں مددے
قبلۂ دیں مددے کعبہ ایماں مددے
جان وہ جان ہے تھا جس میں قیام جاناں
جس طرح دیکھیے اک روضہ رضواں کا سماں
آندھیاں آئیں چمن ہو گیا دشتِ ویراں
آرزو یہ ہے کہ ہو جائے پھر آباد مکاں
یا محمد بمن بے سرو ساماں مددے
قبلۂ دیں مددے کعبہ ایماں مددے
کہتے احمد ہی مجھے بھی ہیں خواص اور عوام
اور میں اپنے ہی کاموں سے ہوں رسوائے انام
شرم کی بات ہے شاہا جو ہوئے پیش یہ کام
حکم فرما کہ مناسب ہوں عمل نامہ و نام
یا محمد بمن بے سرو ساماں مددے
قبلۂ دیں مددے کعبہ ایماں مددے

  نعت

اعلیٰ ہوا جو آیا ادنیٰ تری گلی میں
نعمت ہے آخرت کی دنیا تری گلی میں
جانیں نثار کرنے خلقت کھڑی ہوئی ہے
اچھا لگا ہوا ہے میلہ تری گلی میں
کہتے ہیں جس کو جینا اُن کے نصیب میں تھا
جن کے نصیب میں تھا مرنا تری گلی میں
موسیٰ نے جو تماشہ تھا ایک بار دیکھا
اہلِ نظر نے اکثر دیکھا تری گلی میں
اُس کے قدم لیے ہیں منزل نے آپ آ کر
چل پھر کے جو مسافر پہنچا تری گلی میں
عصیان و مغفرت کی داد و ستد ہے جاری
کیا خوب ہو رہا ہے سودا تری گلی میں
سالک نے جس کی خاطر عالم کو چھان مارا
آخر سراغ اس کا پایا تری گلی میں
ذرّے نہیں ہوا میں اکسیر اڑ رہی ہے
کیونکر پلٹ نہ جائے کایا تری گلی میں
اللہ رے سیر چشمی تیرے بھکاریوں کی
پامال ہو رہی ہے دنیا تری گلی میں
احمد علی کو دیکھا رہتا ہے ایک چکر
جانا تری گلی سے آنا تری گلی میں
***

نعت برائے مشاعرہ عید میلاد النبی (منعقدہ ۱۲/ربیع الاول ۱۳۶۱ھ)

دکھایا ہوشیاری نے تماشہ روزِ محشر کا
جہاں طالب ہے تیرے میکدے سے ایک ساغر کا
جہاں صیقل سے شہپر جلوہ زارِ حسن بنتے ہیں
وہاں کیا جم کی ہستی اور کیا درجہ سکندر کا
ملے ہیں جان نثاری کے مزے اس کی عنایت سے
شہیدوں پر ترے احسان ہے دشمن کے خنجر کا
محمد نام سے کیسی محبت ہے کہ ساتھ اُس کے
رہے گا بھی رہا بھی غلغلہ اللہ اکبر کا
تمھارے حسن سے حسن ازل چمکا زمانے میں
نمایاں آئینے میں عکس ہے خورشید انور کا
رہے تیرا تصور ہو ترے در پر جبیں سائی
تمنا ہے یہی دل کی تقاضا ہے یہی سر کا
محمد کے غلام اللہ کے محبوب ہوتے ہیں
کھلا کرتا ہے سائل کی صدا سے قفل اس در کا
خدا شاہی میں یکتا بندگی میں آپ یکتا ہیں
عجب تدبیر سے پیدا کیا پہلو برابر کا
بنایا دل میں عرش کبریائی ایک اُمّی نے
کہاں تھا حوصلہ ناچیز قطرے میں سمندر کا
امید کامیابی ہے اسی نسبت سے وابستہ
غلام کمتریں احمد علی ہے آپ کے گھر کا
***
 

نعت برائے مشاعرہ عید میلاد النبی (منعقدہ ۱۲/ ربیع الاول ۱۳۶۲ھ)

ہوا جو ہوا حسبِ رائے محمدؐ
خدا کی رضا ہے رضائے محمدؐ
سمجھ سے فزوں ہے ثنائے محمدؐ
کی تھی معجزہ ہر ادائے محمدؐ
اُسی دل میں اللہ کا گھر بھی دیکھا
نظر آئی جس دل میں جائے محمدؐ
یہاں بھی بچایا وہاں بھی بچایا
بہت کام آئی دعائے محمدؐ
کیا جس نے پتھر کو گوہر سے بہتر
وہ اکسیر تھی خاکِ پائے محمدؐ
نہ تھا جز خدا کوئی معراج کی شب
رہا راز ہی ماجرائے محمدؐ

یکایک ہوئی زندہ مردوں کی دنیا
پڑی کان میں جب صدائے محمدؐ
بیاباں خطرناک رستے ہزاروں
نہ چھوٹے کہیں نقشِ پائے محمدؐ
ملے تو نہ لے سلطنت دو جہاں کی
غنی کس قدر ہے گدائے محمدؐ
یہ نسبت سند مغفرت کی ہے گویا
ہمارا خدا ہے خدائے محمدؐ
تخیل نے پرواز کی انتہا تک
نہ پائی مگر ابتدائے محمدؐ
نہ چاہا پھر اس نے کہ دیکھے کسی کو
میسر جسے تھی بقائے محمدؐ
وہی قافلہ قصرِ جنت میں پہنچا
سنی جس نے بانگِ درائے محمدؐ
نہ دنیا کی پروا نہ عقبیٰ کی پروا
کہ دل ہو گیا مبتلائے محمدؐ
یہ سن کر ہوئی حشر والوں کو تسکیں
وہ آئے محمد وہ آئے محمدؐ
خدا کی خوشی خیرخواہی جہاں کی
نہ تھا اور کچھ مدعائے محمدؐ

وہ صحرا کو دیکھے تو بن جائے گلشن
نگاہوں میں جس کی سمائے محمدؐ
ہوا حکم اللہ کا سائلوں کو
دیا جائے گا جو دلائے محمدؐ
نظر ہو تو دیکھے سمجھ ہو تو سمجھے
کہیں کچھ نہیں ماسوائے محمدؐ
شب و روز بھیجو درود اُن پہ احمدؔ
کہ تحفہ یہی ہے برائے محمدؐ

 
نعت برائے مشاعرہ عید میلاد النبی
(منعقدہ ۱۲/ربیع الاول ۱۳۶۳ھ)
اللہ رے احسان فراوانِ محمدؐ
ایک شکر فراموش و ثنا خوانِ محمدؐ
کیا جانے کوئی حکمت و عرفانِ محمدؐ
یونان ہے ایک طفل دبستانِ محمدؐ
اللہ کی طاعت ہے محمدؐ کی اطاعت
اللہ کا فرمان ہے فرمانِ محمدؐ
مرغوب نہیں سدرہ و طوبیٰ کی زیارت
ہے مدِ نظر سروِ خرامانِ محمدؐ
اک خضر کا محتاج ہے ظلمت کدۂ دہر
ہر جا ہے رواں چشمۂ حیوانِ محمدؐ
کیا کام یہاں بزدل و روباہ صفت کا
آباد ہے شیروں سے بنستانِ محمدؐ
محشر میں وہی بن گئے فردوس کی صورت
تھے پاؤں میں کچھ خارِ بیابانِ محمدؐ
آغاز تو لولاک لما سے ہے نمایاں
معلوم نہیں درجہ پایانِ محمدؐ
دنیا میں اجالا ہوا سینے کی ضیا سے
خورشید بہ دامن ہے گریبانِ محمدؐ
بنتے ہیں بگڑتے ہیں قوانین جہاں کے
بدلا نہ کوئی نقطہ فرقانِ محمدؐ
آرام کسی وقت نہ دن کو ہے نہ شب کو
سرگشتہ ہے برگشتہ فرمانِ محمدؐ
لیں سلطنتیں فقر و قناعت کو نہ چھوڑا
صدقے ترے اے ہمتِ مردانِ محمدؐ
مقبول ہوئی جس کی لجاجت سے دعا کی
دیکھی نہ گئی زلف پریشانِ محمدؐ
ناکام رہی کثرتِ اعدا کی شرارت
تائید الٰہی تھی نگہبانِ محمدؐ
ہر بات میں پوشیدہ ہدایت کے جواہر
گوہر تھا ہر اک قطرہ بارانِ محمدؐ
محبوب زلیخا ہیں جگر گوشۂ یعقوب
اللہ کے محبوب غلامانِ محمدؐ
محتاجِ رعایا ہیں سلاطینِ زمانہ
سردار زمانہ ہیں گدایانِ محمدؐ
پھیلی ہے وبا حرص کی دنیا ہے پریشاں
سب بھول گئے نسخۂ قرآنِ محمدؐ
خود کردہ تباہی سے مسلمان ہے نالاں
کیوں چھوڑ دیا گوشۂ دامانِ محمدؐ

دنیا کو سمجھتے نہیں یہ کاہ سے بہتر
آسودہ کچھ ایسے ہیں گدایانِ محمدؐ
رستے میں نہ رہ جائے کہیں بلبل ناداں
جنت سے کچھ آگے ہے گلستانِ محمدؐ
محروم ہے افلاک جبیں سائی در سے
اونچی ہے بہت کرسیِ ایوانِ محمدؐ
تاراج ہوئی سلطنتِ قیصر و کسریٰ
ٹھہرا نہ کوئی پیشِ غلامانِ محمدؐ
بندے بھی ہیں آئینہ آرائش بھی
چھپتی ہے چھپانے سے کہیں شانِ محمدؐ
ہے دفترِ ایمان و عمل کا یہی خاصہ
ہو جائیے سو جان سے قربانِ محمدؐ
دنیا سے غرض ان کو نہ عقبیٰ سے تعلق
اک دید کے طالب ہیں گدایانِ محمدؐ
ہر لحظہ سلام و صلوات اُن پہ ہو احمدؔ
بس ایک یہ سوغات ہے شایانِ محمدؐ
***
 

نعت برائے مشاعرہ عید میلاد النبی (منعقدہ ۱۲/ربیع الاول ۱۳۶۵ھ)

(طرح: ملوں آنکھیں بنی کے آستاں سے)
جدا رہ کر نبی کے آستاں سے
جہاں محروم ہے امن و اماں سے
نبی کا وصف انساں کی زباں سے
نہیں ممکن کہ زائد ہے بیاں سے
محمد رحمۃٌ للعالمین ہیں
لقب کیا ہے ملا وہ بھی کہاں سے
بلندی سبز گنبد کی تو دیکھو
مکاں یہ جا ملا ہے لامکاں سے
قمر تھے آپ اور اصحاب تارے
فروزاں تر زمیں تھی آسماں سے
جو دانا تھے ہوئے گرویدہ سن کر
کلام اللہ اُمّی کی زباں سے
رہا وہ دل میں جیسے دُر صدف میں
جو فرمایا لب گوہر فشاں سے
کبھی تنبیہ شاہانِ جہاں کو
کبھی نسبت فقیرِ ناتواں سے
دلوں کی سلطنت پر فتح پائی
مگر اخلاق سے شیریں بیاں سے
کمال عدل و راحت سے بنایا
موافق بھیڑیوں کو گلہ باں سے
اشاروں پر لگے قربان ہونے
کوئی واقف نہ تھا گنجِ نہاں سے
دکھائیں علم اور حکمت کی راہیں
خبر تھی کس کو اسرارِ نہاں سے
کیا ظاہر غرض آنے کی ہے کیا
کہاں جائیں گے آئے ہیں کہاں سے
طلب کا شوق صوفی کو دلایا
کیا آگاہ رمزِ کن فکاں سے
کھلا ہے رحمتِ عالم کا دربار
تمھیں جو چاہیے لے لو یہاں سے
سخی ایسے کہ سائل کی طلب پر
نہیں نکلی نہیں جن کی زباں سے
تمھارے باغ کی خادم بہاریں
کچھ اُن کو ڈر نہیں بادِ خزاں سے
توقع ہے نظر آؤ تمہی تم
اگر اٹھ جائیں پردے درمیاں سے
تمھاری قیدِ الفت میں گرفتار
ہوا آزاد قیدِ دوجہاں سے
محبت کے بڑے دعوے ہیں لیکن
ثبوت اپنا مخالف ہے یہاں سے
زمیں پر ہم نے چھوڑا در تمھارا
لگیں آنے بلائیں آسماں سے
بھٹکتے پھرتے ہیں صحرا میں بدبخت
جدا ہو کر تمھارے کارواں سے
آغشنی یا غیاث المستغثین
الم زائد ہوئے تاب و تواں سے
مسلمانوں کی جانیں مضطرب ہیں
تمھیں اے جانِ جاں لائیں کہاں سے
قیامت ہے قیامت ہے قیامت
جدائی جان کی آرام جاں سے
مسلماں پر ہے بارش بحر و بر کی
بچا لو فتنۂ آخر زماں سے
نہیں یہ شعر کچھ نشتر ہیں احمدؔ
لگے تھے دل میں نکلے ہیں زباں سے
 
نعت برائے مشاعرہ عید میلاد النبی
( ۱۲/ربیع الاول ۱۳۶۶ھ مطابق ۱۵/فروری ۱۹۴۶ء)

مدینہ بن گیا جنت حریم مصطفی ہو کر
جہاں آتا ہے پیغامِ اجل بھی مرحبا ہو کر
پریشان حال تھی دنیا گرفتارِ بلا ہو کر
بنا دی آپ نے بگڑی ہوئی حاجت روا ہو کر
زمانے کو ادائے فرض کی تعلیم دینی تھی
اطاعت میں گزاری عمر محبوبِ خدا ہو کر
جہالت سے بنی آدمی کا بیڑا ڈوبنے کو تھا
بچایا آپ نے تشریف لا کر ناخدا ہو کر
لباسِ بندگی میں تھی نہاں شانِ شہنشاہی
گئے ہیں عرش پر مسند نشینِ بوریا ہو کر
فضاؤں نے حجازی کارخانے کی عجب صیقل گری دیکھی
بنے تھے حق نما آئنے پتھر بھی جلا ہو کر
فضیلت کے فلک پر چاند تاروں کی طرح چمکے
زمیں سے جو اڑے ذرے تمھاری خاک پا ہو کر
یہاں دولت یہاں راحت یہاں عزت یہاں عظمت
کہاں جائے کوئی درگاہِ عالی کا گدا ہو کر
ضیائے ہنر اعظم سے روئے ماہِ تاباں ہے
ہوا نورِ محمد جلوہ گر نورِ خدا ہو کر
ہوئے بے قدر جو دل آپ کی الفت سے خالی تھے
چلے کس طرح بازاروں میں سکّہ ناروا ہو کر
ہمیں طاعت کا رشتہ آپ سے رکھنا تھا وابستہ
ہوئی ہیں خشک شاخیں اصل سے اپنی جدا ہو کر
زمیں بھی آسماں بھی دشمنِ جاں ہے خبر لیجیے
یہ دونوں ہم کو پیسے ڈالتے ہیں آسیا ہو کر
بس اتنی بات پر فرمانِ رحمت ہو گیا جاری
کہا تھا ہم نے منہ کیوں کر دکھائیں نا سزا ہو کر
رہے گی نورِ گستر وہ بگولے ہوں کہ آندھی ہو
عجب شمع ہدایت آپ نے دی رہ نما ہو کر
مصیبت میں پھنسایا تھا ہمیں بے جا امیدوں نے
ملا ہے جان کو آرام پابندِ رضا ہو کر
بندھی ہیں رحمت للعالمین سے اپنی امیدیں
زباں پر جن کے آیا شکوہ دشمن دعا ہو کر
چلا ہے شادماں دنیا سے شوقِ دید میں احمدؔ
کوئی جس طرح جائے قیدِ زنداں سے رہا ہو کر
***
 
نعت٭
نہ میں جمشید نہ دارا نہ سکندر ہوتا
ہے تمنا درِ اقدس پہ مرا سر ہوتا
پھر مرے واسطے معراج تھی ہر اک نماز
سامنے گر وہ سراپائے منور ہوتا
قدرت ایسی تھی اگر مرضی والا ہوتی
کیا شبہ ہے فلکِ برج دو پیکر ہوتا
لطف جینے کا تو جب تھا کہ ہمیشہ ہر دم
دل میں یاد آپ کی ذکر آپ کا لب پر ہوتا
نظرِ تربیت اک بار اگر پڑ جاتی
ذرۂ خاک میں گنجینہ گوہر ہوتا
دل میں جم جاتا جو اُس حسنِ مجسم کا خیال
پھر جدھر دیکھیے فردوس کا منظر ہوتا
نظر مہر سے دیکھا نہ کبھی دنیا کو
ورنہ یہ فرشِ زمیں عرشِ بریں پر ہوتا
رہتے بے فکر زمانے کی ستم رانی سے
ہاتھ میں اپنے جو دامانِ پیمبر ہوتا
ہے مزے دار بہت یادِ محمد کی خلش
کاش ہر موئے بدن سوزن و نشتر ہوتا
دشمنوں کو بھی دعا دیتے سزا کے بدلے
کبھی آئینۂ خاطر جو مکدر ہوتا
جان گر آپ کے قدموں پہ فدا ہو جاتی
تو مزہ موت میں جینے سے فزوں تر ہوتا
عاصیوں پر بھی نہ ہوتی نظرِ لطف تو آج
ہونا مسلم کا نہ ہونے کے برابر ہوتا
فیض تقسیم ہوا ظرف کے اندازے سے
چاہتے آپ تو قطرے میں سمندر ہوتا
انتقام آپ کو منظور نہ تھا ورنہ یہیں
دشمنوں کے لیے ہنگامۂ محشر ہوتا
کون سی شے ہے جو آقا نے غلاموں کو نہ دی
ہوتے قابل تو نصیب اپنا بھی یاور ہوتا
شوقِ دیدارِ نبی میں جو زمیں پر گرتا
ایک ایک اشک مرا دانۂ گوہر ہوتا
آپ تھے علم و ہدایت میں خدا کے تلمیذ
ورنہ تھا کون جو دارین کا راہبر ہوتا
احمد اوصافِ نبی فہم سے بالاتر ہیں
کیا بیان کرتا جو سنجانِ ثنا گر ہوتا
٭ لکھی ۱۲/ربیع الاول ۱۳۶۶ھ ہی میں گئی، لیکن طرحی مشاعرے میں نہیں سنائی گئی، غالباً وجہ یہی رہی ہو کہ مشاعرہ طرحی تھا (مرتّب)
 

نعت

حسن کا نقشہ روئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
لطف کا معنی خوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
جسم کا قبلہ خانۂ کعبہ روح کا قبلہ صاحبِ خانہ
میرا قبلہ کوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
موتی کی لڑیوں سے بہتر کوثر کی لہروں سے خوشتر
گفتارِ دل جوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
صفت کی لاثانی زینت دیکھنے کی باقی نہیں رغبت
پیش نظر ہے روئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
باغِ جہاں کو شوق سے دیکھا سیر ہو کر پھولوں کو سونگھا
بسی تھی سب میں بوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
اک تو ہے والضحیٰ کی صورت دوسری ہے واللیل کی آیت
رخسار و گیسوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
جس ترکیب سے چاند ہوا شق ظاہر بھی تھی باطن بھی تھی
زورِ خدا بازوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
پاکر حشر میں رب کو راضی ہو گئے بے غم اکثر عاصی
جس کی نظر تھی سوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
اگلی پچھلی قدر کی راتیں ایک طرف رکھ کر جب تولا
جھک گیا پلّہ سوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
دونوں میں اللہ کو پیارے اور امت کے بڑے سہارے
موئے محمد خوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
اُن کی نورانی دنیا میں بس یہی دن ہے رات یہی ہے
جن کا دھیان ہے سوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
اپنی ذات میں ہے یکتا بھی یکتائی کا راہنما بھی
سروِ قدِ دلجوئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
دید ہلال کی احمد ہو روزہ داروں کو مبارک
میرا چاند ابروئے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم
***
 

منقبت
(محرم ۱۳۷۱ھ)
ہوا ہے عام زمانے میں احترامِ حسین
جہان فخر سے لیتا رہے گا نامِ حسین
زمیں کی طرح لرزتا تھا عرش اعلیٰ بھی
وہاں جو پیش ہوا آخری سلامِ حسین
بس ایک بات پہ کٹوا دیے گلے اپنے
بہت بلند حقیقت میں ہے مقامِ حسین
رفیق بھول گئے تھے نشے میں ہستی کو
پھر اُن کے بعد کوئی پی سکا نہ جامِ حسین
عروجِ قوم ہے قربانیوں سے وابستہ
جہاں میں گونج رہا ہے یہی پیامِ حسین
حقیر ہو گئے اسباب عیش فانی کے
نکل کے دل سے جب آیا زباں پہ نامِ حسین
عدو زمانے میں مشہور لعن و طعن کے ساتھ
بنا وظیفۂ مخلوق نیک نامِ حسین
جلو میں ہوں گی شہیدوں کی سکیڑوں فوجیں
بہشت میں نظر آئے گا احتشامِ حسین
جو بہرہ یاب ہوئے موت سے رہے محفوظ
زمیں پہ چشمۂ حیوان ہے فیض عامِ حسین
چلی جدھر ادھر اعدا وہیں ہوئے فی النار
تھی ایک برقِ غضب تیغِ بے نیامِ حسین
اُسی زمیں پہ ہوئے قتل قاتلانِ خبیث
وہیں فلک نے لیا اُن سے انتقامِ حسین
جو آرزو ہے بقا کی وفا پہ مٹ جاؤ
ہر ایک عہد نے مانا ہے یہ پیامِ حسین
ہوا ہے گردشِ لیل و نہار سے محفوظ
کہ آسمان پہ منقوش ہے دوامِ حسین
غضب کا جوش تھا سہ روزہ سختیوں پر بھی
بڑے شجاع تھے مردانِ تشنہ کامِ حسین
ہوئی ہے سجدہ گہِ خلق خاکِ پاک اُس کی
ہوا تھا دشتِ بلا میں جہاں قیامِ حسین
یہی وسیلۂ بخشش یہی کلیدِ بہشت
کہ صدقِ دل سے ہے احمد علی غلامِ حسین
***
 

خطباتِ منظوم برائے جمعۃ الوداعِ رمضان مبارک

  خطبہ جمعۃ الوداع

ماہِ رمضاں اے خدا کی مہربانی الوداع
ماہِ قرآں اے ہماری شادمانی الوداع
اے رسول اللہ کے پیارے مہینے الفراق
اے صحابہ کے رفیقِ زندگانی الوداع
اے بڑی عظمت بڑی برکت بڑی فرحت کے عہد
اے مسلمانوں کے دورِ کامرانی الوداع
پھر گیا آنکھوں میں پھر اگلے زمانے کا سماں
اے نبوّت کے زمانے کی نشانی الوداع
روزہ داروں سے دلا دی فوجِ شیطاں کو شکست
ہے خدا کا زور تیری ناتوانی الوداع
ساری باتیں مان لیں اُس کی خدا نے حشر میں
جس نے اس دنیا میں تیری بات مانی الوداع
تجھ سے صحت جسم کی تجھ سے صفائی روح کی
اے طبیبِ علّتِ جسمی و جانی الوداع
تو نے دی تعلیمِ ہمدردی و غمخواری ہمیں
تجھ سے سیکھی نعمتوں کی قدردانی الوداع
بے بدل نعمت کا جو شاہوں کو مل سکتی نہیں
تیرا سادہ کھانا تیرا سادہ پانی الوداع
اجر صدہا نیکیوں کا ایک نیکی میں تری
اے زمیں والوں پہ فضلِ آسمانی الوداع
صبر کے آئین طریقے ضبط کے تو نے سکھائے
تو نے ہم کو دی کلید کامرانی الوداع
چار ہفتے امتحاں لے کر ہمارے صبر کا
تو نے دلوائی بہشتِ جاودانی الوداع
کیو ں نہ ہوں ہم مطمئن تیری سفارش کا پیام
سن چکے سچے پیمبر کی زبانی الوداع
دیکھنا دعوت میں ہم محروم شرکت سے نہ ہوں
حشر میں جب ہوگی تیری میزبانی الوداع
کر چکی ہوتی شیاطیں کی عداوت پائمال
گر نہ ہوتی ہم پہ تیری پاسبانی الوداع
تو نے مشتِ خاک کو افلاک پر پہنچا دیا
دی زمیں والوں کو اوجِ آسمانی الوداع
اس مخالف دور میں قائم ہے تیری ذات سے
مسجدوں کی زینت و قرآن خوانی الوداع
دل ہے رنجیدہ کہ پھر آئندہ ملنا ہو نہ ہو
تجھ سے ہوتے ہیں جدا انسانِ فانی الوداع
***
 
خطبہ جمعۃ الوداع

رمضان اے مہینوں کے سردار الوداع
اے مسلموں کے یار و مددگار الوداع
ہے روشنی میں دن کی طرح تیری رات بھی
دن ہیں بغیر تیرے شب تار الوداع
ہم سب ہیں تیرے لطف و کرم کے امیدوار
محشر میں عاصیوں کے طرفدار الوداع
ایماندار جو کہ ترے حق گزار تھے
ثابت ہوئے بہشت کے حقدار الوداع
آنکھوں میں بھائیو ں کے سمیٹا جو ترا نور
آئینے بن گئے در و دیوار الوداع
بے خوف ہو گئے وہ جہنم کی قید سے
جو تیری قید میں تھے گرفتار الوداع
اُن سے جو تیرے حکم پہ چلتے رہے یہاں
فرمایا حق نے وعدۂ دیدار الوداع
مسلم کی راہ میں جو کئی خار زار تھے
تیرے کرم سے ہو گئے گلزار الوداع
بے حد و بے قیاس ہیں تیری یہ نعمتیں
دیدارِ یار و فرحتِ افطار الوداع
رکھے ہیں تیرے نام رسالت مآب نے
اے ماہِ صبر و اے مہِ غمخوار الوداع
ملتی ہیں نیکیوں کی جزائیں بہشت میں
تیری جزا بہشت کی سرکار الوداع
ہارا ہے تیرے تشنہ لبوں کی سیاہ سے
نفس و ہوس کا لشکر خونخوار الوداع
تو نے کیا ہے زیر شیاطیں کی فوج کو
اے روزہ دار فوج کے سالار الوداع
ہے آسیوں کو تیری تسلی سے امن چیں
زخمی دلوں کے مرہم زنگار الوداع
جنت کی لذتیں ہیں تری بھوک پیاس میں
اے حکمتِ خدا سے خبردار الوداع
نکلے وہ سیکڑوں کے برابر ثواب میں
تجھ میں ہوئے تھے کام جو اک بار الوداع
آنکھوں سے تیری یاد میں نکلا تو بن گیا
آنسو ہر ایک گوہرِ شہوار الوداع
***
 
خطبہ جمعۃ الوداع
(۱۹۴۰ء)

ماہِ رمضاں اے مہِ صوم و تلاوت الوداع
ماہِ رحمت ماہِ برکت ماہِ عظمت الوداع
اے رسول اللہ کی ذات مقدس کے رفیق
تجھ پہ تھی شیدا صحابہ کی جماعت الوداع
ذرّے ذرّے میں نظر آنے لگا حسنِ ازل
وہ نگاہوں کو ملی تجھ سے بصارت الوداع
تو نے شیطانی خیالوں کو دلوں میں دی شکست
بد خصالوں کی بدل دی تو نے حالت الوداع
مسلم غافل کو سمجھا دی تری تعلیم نے
عام احسانِ خدا کی قدر و قیمت الوداع
تجھ سے صحت جسم کی تجھ سے صفائی جان کی
ہے خزانہ فائدوں کا تیری حکمت الوداع
مال و جاہ و سلطنت سے جو نہیں ہوتیں نصیب
مل گئیں وہ نعمتیں تیری بدولت الوداع
وہ مسرت ہے کہ دنیا میں نہیں جس کی مثال
جو ترے افطار میں پاتے ہیں لذت الوداع
راحتیں اُسکی ہیں دن اُسکے ہیں راتیں اُسکی ہیں
ہو گئی جس پر تری چشمِ عنایت الوداع
تو نے سمجھایا کہ ہر اک نیک مقصد کے لیے
ہے کلید کامیابی صبر و ہمت الوداع
کچھ دنوں اللہ کی طاعت کا لے کر امتحاں
تو نے دلوا دی مسلمانوں کو جنت الوداع
جس کے تھے حقدار موسیٰ ہاں اُسی انعام کی
ہم خطا کاروں کو تو نے دی بشارت الوداع
مبتلا سب اپنی اپنی فکر میں ہوں گے جہاں
بخشوائے گی وہاں تیری شفاعت الوداع
تو مسلمانوں کی دنیا میں تھا مہمانِ عزیز
تیرے لائق ہو سکی ہم سے نہ خدمت الوداع
تجھ سے اے ماہِ مقدس اے مہِ مسلم نواز
رنج و غم کے ساتھ ہم ہوتے ہیں رخصت الوداع
***
 

منظوم خطوط بنامِ پسر زیرِ تعلیم جامعہ ملیہ دہلی  

بنام محمد عابد بعمر شش سال ۲۶/اگست۱۹۲۶

آج تم دلّی میں ہو عابد میاں
خوش رہو زندہ رہو عابد میاں
پڑھنے لکھنے کو یہاں آئے ہو تم
خوب لکھو اور پڑھو عابد میاں
جو کہ بچے ہوں تمھارے آس پاس
پہلے اُن کو دیکھ لو عابد میاں
جن کی اچھی عادتیں معلوم ہوں
دوستی اُن سے رکھو عابد میاں
عادتیں جن کی بری ہوں اُن سے تم
ہو سکے جتنا بچو عابد میاں
جو جماعت میں تمھارے کام ہوں
شوق سے اُن کو کرو عابد میاں
پڑھنے لکھنے میں جو لڑکے تیز ہوں
اُن سے تم آگے بڑھو عابد میاں
جو بری باتیں ہیں سب سے تم بچو
آدمی اچھے بنو عابد میاں
اچھے بن جانے کو محنت چاہیے
جو پڑے محنت سہو عابد میاں
وقت کاموں کے لیے ہے اس کو تم
مفت میں جانے نہ دو عابد میاں
جامعہ کو تم سمجھ لو اپنا گھر
اُس میں خوش ہو کر رہو عابد میاں
اپنے گھر کو تھوڑے دن کے واسطے
یاد کرنا چھوڑ دو عابد میاں
مدرسے میں جس قدر استاد ہیں
سب کو تم راضی رکھو عابد میاں
جو تمھیں وہ کام کی باتیں سکھائیں
دل سے وہ باتیں سنو عابد میاں
جیسے عالم ہیں تمھارے اوستاد
تم بھی ویسے ہی بنو عابد میاں
کرتے ہیں ماجد میاں آداب عرض
ان کا تم آداب لو عابد میاں

پڑھنے لکھنے کے لیے آئیں یہاں
یہ دعا تم اُن کو دو عابد میاں
جلد لکھنا اس قدر تو سیکھ لو
خط ہمیں لکھنے لگو عابد میاں
خط کے آخر میں دعا کرتا ہوں پھر
تم ہمیشہ خوش رہو عابد میاں

دوسرا خط
(نومبر ۱۹۳۶ء)
تم ہو چین ہمارے عابد
سارے گھر کے پیارے عابد
نوّے سال رہو تم جیتے
خوشی مناتے کھاتے پیتے
تم کو رکھے خدا سلامت
اُس کی تم پر رہے عنایت
خط میں تمھارا حال جو آیا
سب کو گھر میں پڑھ کے سنایا
بیٹھے ہیں سب دائیں بائیں
دیتے ہیں سب تم کو دعائیں
پہلے فکر تھی ہو گئے اب خوش
تمہارے رہنے سے ہیں سب خوش
میری بھی دو اک باتیں سن لو
خود پڑھ لو اور خوب سمجھ لو
استادوں کا کہنا مانو
اسی میں اپنی بھلائی جانو
اپنے بڑوں کا ادب کرو تم
ہر اک سے جھک جھک کے ملو تم
چھوٹوں سے ہو تمھیں محبت
رکھو میل ملاپ اور ملّت
کام سے اپنے دھیان لگاؤ
کچھ تکلیف بھی ہو تو اٹھاؤ
جامعہ جو بچوں کا گھر ہے
یہ گھر دنیا سے بہتر ہے
دن یہ کام آنے والے ہیں
فائدہ پہنچانے والے ہیں
جو بچے کہنا نہیں سنتے
آخر میں وہ سر ہیں دھنتے
کہتا رہوں گا جو کہنا ہے
آخر میں اب میری دعا ہے
سب کو سنبھالنے والا مالک
دیکھنے بھالنے والا مالک
پڑھنا لکھنا تم کو سکھا دے
سیدھا رستہ تم کو دکھا دے
کام تمھارے قاعدے کے ہوں
قاعدے کے ہوں فائدے کے ہوں
اب ہوتا ہوں تم سے رخصت
پھر لکھوں گا ملی جو فرصت
کیا تمھیں اللہ کے حوالے
وہی سنبھالے دیکھے بھالے
***
 

إ

قصائد بر مدح افتخار علی خاں
سرکارِ جاورہ
 
بفرمائش ناصر علی خاں، ولی عہد
فرمانروائے ریاست افتخار علی خاں حسب درخواست شاعر مکین کے جدید مکان ’غریب خانہ‘ کے تشریف لانے پر٭
(تضمین)

زہے جمال ہر آں کس کے روئے خوب تو دید
شگفت ہمچو دل روزہ دار از مہِ عید
زہے جلال کہ از یک نگاہِ خشم آلود
مثال آہوے رم دیدہ شیر شرزہ رمید
ز نوبہارِ جمال و ز شعلہ زار جلال
بہ خار زارِ حسد جانِ بد سگال تپید
بکار بستہ من ناخن تو عقدہ کشا
برائے قفل امید من ابروئے تو کلید
درختِ کہنے چمانست مثل تازہ نہال
چناں سحابِ کرم آب زندگی بارید
ز آسمانِ چہارم بہ خاک دانِ زمین
شگفت نیست چو خورشید روشنی بخشید
شگفت ہست ز تشریف شاہ بندہ نواز
حقیر منزلِ من گشت منزلِ خورشید
روا بود چو ز تغییر شعر و تضمینم
روانِ سعدی جادو بیاں بخود بالید
ز کفشِ پاے ہمایوں نگشت چیزے کم
کلاہ فرقِ نیازیم بمہر و ماہ رسید
ہمیشہ تا بہ جہانست دور لیل و نہار
شب تو باد شب قدر و یوم یوم العید
ایضاً بفرمائش ولی عہد ناصر علی خاں٭
گر قدم رنجہ کند یار بہ کاشانۂ ما
کعبہ طور شود گوشۂ ویرانۂ ما
چشم وا کرد رخ دید طپید و جاں داد
بیشتر نیست ازیں قصہ پروانۂ ما
جلوہ گر شد برہش حور و قصور و فردوس
نظرے کرد و گذشت ایں دل دیوانۂ ما
بمن سوختہ دل مژدہ خوش داد خلیل
سبز در آتش سوزند شود خانۂ ما
ہمہ را بادہ باندازہ کرامت فرمود
مرشد دیر و حرم ساقی میخانۂ ما
پیر ما ضبط نگہداشت و گرنہ دو جہاں
رقصِ مے کرد ز دردِ تہِ پیمانۂ ما
دیدۂ اہلِ جہاں قابلِ دیدار نہ شد
ہست ہر پردہ تماشہ گہِ جانانۂ ما
سالہا سُرمہ صاحب نظراں خواہد بود
طرفہ سُرمہ کردند ز خاکسترِ پروانۂ ما
با وصالش طلب دید ہمانست کے بود
آفریں بر نظر و ہمتِ مردانۂ ما
پست چوں فرشِ زمیں عرش بریں را پنداشت
منزلِ کیست بہ اندیشۂ رندانۂ ما
بزم افسردہ دلاں در طلبش گام روند
حشر، خاستہ از نعرۂ مستانۂ ما
وردِ احمدؔ سخن عارف جیلاں کہ سرود
بے حجابانہ در آ از در کاشانۂ ما
احمدؔ سادہ بہ در قفل ز دو شکوہ کند
روش از پرتوِ خورشید نہ شد خانۂ ما
٭ ۷/جنوری ۱۹۳۷ء
*** 

قصیدہ بر مدحِ افتخار علی خاں بموقع تشریف آوری بمکانِ جدید خدمت میں قصیدہ بزبانِ شاعر پیش کیا گیا٭

اے خدا ترس رئیس و شہِ درویش خصال
گوہر در شرف اخترِ برج اقبال
آپ کی خوبیاں لکھنے سے قلم عاجز ہے
آپ کا خلق بیاں کرنے سے قاصر ہے مقال
ظلمت حرص و ہوا روے و ریا اے دل پاک
آپ کا ظاہر صاف آپ کے باطن کی مثال
حلم ایسا کہ تحرک سے خبردار نہیں
اپنے بدخواہ سے غصہ نہ کدورت نہ ملال
شان و سامانِ امیراں سے دلِ مستغنی
جام جمشید بھی نظروں میں ہے اک جامِ سفال
ہمت و حوصلہ وسعت میں حریفِ دریا
سامنے جس کے نہیں دولت قاروں کچھ مال
ملتے اس واسطے یہ ہیں کہ جدا ہو جائیں
درہم و دستِ کرم جیسے کہ آب و غربال
ذاتِ عالی کو رعایا کی رعایت منظور
چاہتے ہیں کہ ہر اک فردِ بشر ہو خوشحال
آپ ہو جاتے ہیں دکھ سکھ میں غریبوں کے شریک
ہیں یہاں آمر و مامور پدر اور اطفال
عالم پاک سے وابستگی ذرۂ خاک
آپ کا منزلِ احقر میں نزول اجلال
ہے یہ گھر لطف گرامی کی نمایاں تصویر
ہے یہ گل بندہ نوازی کی مجسم تمثال
ہیں ولی عہد بہادر بھی نوازش میں شریک
آپ رکھتے ہیں بہت خادمِ دیریں کا خیال
میں مسلمان موحد ہوں دوئی سے بیزار
دیکھتا صورتِ کثرت میں ہوں وحدت کا جمال
آنکھیں دو ہوتی ہیں آتا ہے نظر دو میں ایک
چاند ہے ایک مگر نام ہیں دو بدر و ہلال
کان ہے ایک جواہر ہیں یہ سب شہزادے
اصل ہے ایک مگر ہیں متعدد اشکال
فرق اشکال سے ناموں میں تعدد ہے تو کیا
برگ و شاخ و ثمر و گل کی حقیقت ہے نہال
اسی گلدستہ شاداب کا اک برگ ہوں میں
اسی مجموعۂ نایاب کا ہوں خیر سگال
رخ زیبا کو ضرورت نہیں آرائش کی
مدحت و شکر سے ہے عہدہ بر آئی بھی محال
میں دعا گو ہوں دعا گوئی ہے شیوہ میرا
فرض کرتا ہوں ادا چھوڑ کے سب قال و مقال
واسطے سب کے ہو اللہ کی توفیق رفیق
سب کی تقدیر مددگار ہو نادر اقبال
سب کو دارین میں حاصل ہوں مرادیں ساری
سب رہیں نیک روش نیک عمل نیک خصال
دوسروں کے لیے نافذ ہو یہ حکمِ قسمت
دوست احمد کی طرح شاد ہوں دشمن پامال
وجہ تصدیق ہوئی یہ کہ دل مخلص میں
تھا کئی سال سے اظہارِ عقیدت کا خیال
٭ ۷/جنوری ۱۹۳۷ء
 

قصیدہ بر مدح افتخار علی خاں (بموقع جلسہ خطاب یابی)

اے رعیت کی دعائیں لینے والے شہریار
آپ ہم سب کے لیے ہیں رحمت پروردگار
آپ کو فرمانروائے ہند نے بخشا خطاب
ہمسروں میں ہو گیا افزوں سے افزوں تر وقار
شہر میں پیر و جواں سب شادماں سب کامراں
ہر گدائے بے نوا بے سلطنت ہے شہریار
رونما پہلے ہوا خورشید ایک آئینے میں
پھر اُس آئینے سے روشن ہو گئے دشت و دیار
صورتِ ظاہر اگر دیکھو تو ماہِ نیم ماہ
سیرتِ باطن اگر سمجھو تو شاہِ خاکسار
درد مندوں کے لیے طبع مبارک چارہ ساز
غم رسیدوں کے لیے قلب ہمایوں غمگسار
خاطر شاہانہ کو محسوس ہوتی ہے خلش
جب کسی راہ گیر کے پاؤں میں چبھ جاتا ہے خار
اک طرف سرکار ہیں اعزاز کے منت پذیر
اک طرف اعزاز ہے ممنونِ فخر و افتخار
عزت افزائی سے جب دل خوش ہوا سرکار کا
جاورے کے باغ میں چلنے لگی بادِ بہار
کل رعایا میں گرامی ذات ہے ہر دلعزیز
کل رعایا اپنے آقا پر ہے سو جاں سے نثار
ایسے منظر اتحادِ حاکم و محکوم کے
تو نے دیکھے ہیں کہیں اے گردشِ لیل و نہار
بخت یاور تختِ عالی فال فرخ حال خوش
عمر و دولت مستدام و شان و شوکت برقرار
جب کہ یہ اوصاف یہ اخلاق ہیں پھر کیوں نہ ہو
کامیابی ہم رکاب و کامران ہم کنار
 
غزل برائے مشاعرۂ سالگرہ افتخار علی خاں

شکر صد شکر کہ دن سالگرہ کا آیا
جاورہ شاد ہے گھر گھر ہے مسرت کیسی
کس قدر ذاتِ ہمایوں کو رعایا ہے عزیز
اُن پہ ہر حال میں رہتی ہے عنایت کیسی
گوش زد ہو کوئی فریاد تو دل دکھ جائے
رحم و الطاف پہ مائل ہے طبیعت کیسی
دشمنوں کو بھی ترحم سے رکھا نہ محروم
ظرف کتنا ہے کرم کتنا ہے راحت کیسی
کبر و نخوت کی جگہ خاطر اقدس میں نہیں
آپ رکھتے ہیں بزرگوں سے عقیدت کیسی
آپ ہو جاتے ہیں جلسوں میں غریبوں کے شریک
اس تواضع سے بڑھا دیتے ہیں عزت کیسی
دیکھتا ہے جو کوئی کہتا ہے سبحان اللہ
شان کیسی ہے ادا کیسی ہے صورت کیسی
رات دن خیر مناتے ہیں دعا دیتے ہیں
آپ سے خورد و کلاں کو ہے محبت کیسی
***
 
غزل بعد صحت یابیِ افتخار علی خاں
(بوقت واپسی از بمبئی بغرضِ علاج)٭

سرکارِ ما بہ جاورہ آمد ز بمبئی
ایں روز روزِ جشن خواص و عوام باد
با تن درستیِ کہ شبابش تواں نگفت
یارب شباب صحت او مستدام باد
تاریک بود و ماہ فراقش بر اہلِ شہر
اکنوں رخش بہ تابش ماہ تمام باد
بہر چنیں شفیق رعایا عزیز ملک
احمد علی وظیفۂ تو صبح و شام باد
اللہ مہربان و پیمبر نگاہ باں
فرہاں ذہن زمانہ و جانش غلام باد
ظلمش برائے راحت ما ابر فیض بخش
ذاتش بہ زیر ظلِ خدا بردوام باد
از عز و شان و دولت و اقبال و تخت و بخت
نواب افتخار علی خاں بکام باد
٭ ۱۹۳۹ء
***
 
بفرمائش عالیہ ہمایوں سلطانہ صاحبزادی نواب افتخار علی خاں
(نواب صاحب کی سالگرہ کے موقع پر)

ہوئے پھر لطف کے ساماں مبارک
زمیں پھولوں سے ہے پنہاں مبارک
بنا ہے جاورہ مثلِ گلستاں
چمن ہے روضہ رضواں مبارک
چلی بادِ بہار ایسی کہ بن میں
کِھلے ہیں لالہ و ریحاں مبارک
ہمارے والدِ عالی گہر پر
خدا کا فضلِ بے پایاں مبارک
خوشی ہر گھر میں ہے سال گرہ کی
مبارک رحمتِ یزداں مبارک
بدن بستی رعیت دل ہے وہ جان
بدن کو دل تو دل کو جاں مبارک
الم فرحت سے اور دکھ سکھ سے بدلے
ملا ہے درد کا درماں مبارک
جدھر دیکھو ادھر بے فکریاں ہیں
ہوئیں سب مشکلیں آساں مبارک
ضیا گستر فلک سے ہے زمیں پر
مسرت کا یہ تاباں مبارک
محل زینت میں رشکِ آسماں ہے
یہ فرش و مسند و دیواں مبارک
کہیں باجوں کی آوازیں سہانی
کہیں مطرب ہیں خوش الحاں مبارک
ہمایوں فاطمہ اور رابعہ پر
ہے یہ اللہ کا احساں مبارک
رضیہ عابدہ کشور زبیدہ
ہر اک ہے خرم و خنداں مبارک
مبارک ہم سبھوں کو ظل و علی
اور ان کو سایہ سبحان مبارک
نصیب دوستاں گُل گشت گلشن
جو حاسد ہوں انھیں زنداں مبارک
***
 

غزل در مدح
نواب افتخار علی خاں بسبب علالت عید کی نماز میں شرکت نہ کر سکے

رعایا کی افسردگی کا اظہار غزل کی شکل میں کیا گیا

ملے نہ آپ تمنائے دید یونہی گئی
حضور اب کے ہماری تو عید یونہی گئی
ترے مریض کے دل کا علاج ہو نہ سکا
یہ چارہ سازوں کی قطع و برید یونہی گئی
حیات کیا جو کسی کی طلب میں صرف نہ ہو
ہزار حیف کہ عمر سدید یونہی گئی
کیے تھے وعدے جو تم نے کبھی وفا نہ ہوئے
ہوئی تھی ہم کو جو تم سے امید یونہی گئی
معلّموں سے کہیں یار کا پتہ نہ ملا
یہ قیل و قال یہ گفت و شنید یونہی گئی
لگایا تیر نظر دور ہی سے پاس نہ آئے
دم اخیر مرادِ شہید یونہی گئی
وہاں سے نامہ بر آیا تو کھوئے ہوش و حواس
جو اب کیا مرے خط کی رسید یونہی گئی
ہمیں ادب کا لحاظ آپ کو حیا مانع
ہماری آپ کی گفت و شنید یونہی گئی
ملی پناہ قناعت میں روح کو راحت
مقامِ شکر ہے فکرِ مزید یونہی گئی
یونہی خزاں کا ہوا ظلم ہم اسیروں
بہار آنے کی احمد نوید یونہی گئی
***
 

رباعیات

 
(۱)
ایں بے خزاں ز حرصِ دنیا مغرور
در جہل مرکب اند آزر دانش دور
شادی گویند بارِ دار غم را
برعکس نہند رونگی کافور

(۲)
اڑتی ہوئی گرد قابلِ قدر نہیں
آندھی کی بدلیاں برستی ہیں کہیں
بہہ جانے سے قطروں کے رواں ہے دریا
ذرّوں کے ربط سے مجسم ہے زمیں

(۳)
خاموش زباں ہے دل تپاں کیا کیجیے
اپنے دکھ درد کو بیاں کیا کیجیے
اعدا کی دشمنی سے بدتر ہیں یہ
اپنوں کی مہربانیاں کیا کیجیے
 
(۴)
قسمت نے کیا تلاش مجھے حرکت میں
ملتی ہے مراد زندگی محنت میں
واعظ کو کوئی کام نہیں آتا بس
لے جاتے ہیں گھسیٹ کر جنت میں

(۵)
احمد اعمالِ بد کا دفتر ہے ضخیم
اس پر یہ مصیبت کہ خطائیں بھی عظیم
کس کس کا جواب دو گے اتنا کہہ دو
یا رب تو رحیمی و رسولِ تو کریم

(۶)
آقا سے غلاموں کو محبت نہ رہی
امت باقی ہے روحِ اُمّت نہ رہی
اقرار تو برقرار ہیں مثلِ اسلاف
لیکن مثل سلف صداقت نہ رہی
 
(۷)
جینے کا قاعدہ سکھایا تم نے
انسان کو انسان بنایا تم نے
آخر حد ہے یہ عزت افزائی کی
اللہ کو بندوں سے ملایا تم نے

(۸)
ہٹلر ہے نہ اس کے ساز و ساماں باقی
کچھ راکھ کے ہیں ڈھیر نمایاں باقی
عبرت کا مقام ہے نہ جاۓ غفلت
احمد ہے وہی گردشِ دوراں باقی

(۹)
جا پہنچے ایک آزاد منش برلن میں
کہنے لگے پیش گاہ اسٹالن میں
تھی جس کے دبدبے سے جنبش میں زمیں
ملتی نہیں اس کی لاش کہیں جرمن میں
 
(۱۰)
فرعون رہا نہ اُس کی طاقت باقی
ہے حضرت موسیٰ کی صداقت باقی
مٹ جائے گی جور کی نمودِ بے بود
رہ جائے گا ایوانِ عدالت باقی

(۱۱)
سب خوش ہیں کہ فتح و صلح کا دن آیا
ساتھ اپنے پیامِ امن و شادی لایا
دنیا نالاں تھی آفتِ دنیا سے
اللہ نے پھر لطف و کرم فرمایا

(۱۲)
انفاس کا اک سلسلہ مستحکم
کھینچے لیے جاتا ہے ہمیں سوئے عدم
جکڑے ہوئے بندشوں میں ہیں سرتاپا
پھر بھی یہ زعم ہے کہ آزاد ہیں ہم

 
(۱۳)
دنیا میں کوئی کسی کا غمخوار نہیں
ہیں یار بہت مگر مددگار نہیں
احمدؔ جانچ کی تو معلوم ہوا
گفتار ہی گفتار ہے کردار نہیں

(۱۴)
اللہ کے احسان ہیں سب پر احمدؔ
ہے استحقاق و بے شمار و بے حد
ہر عفو میں تردد عبث ہے خلجان
بڑھ جائے گا فہرست میں اک اور عدد

(۱۵)
غافل جو تجھ سے ہیں انھیں چین نہیں
ہے کوئی پریشان تو کوئی غمگین
پائی ہوئی بات ہے کہ دکھ درد میں بھی
ہوتی ہے ترے نام سے دل کو تسکین
 
(۱۶)
قطروں کو بنا دیا گوہر تم نے
ذرّوں کو کیا مہرِ منوّر تم نے
خادم جو وفادار تھے اُن کو بخشا
کسریٰ کا تاج و تختِ قیصر تم نے

(۱۷)
نازک ہے زمانہ اے مسلماں ہشیار
دامن پکڑ اُن کا جو ترے ہیں سردار
رفتار ہے وقت کی تیز دیر نہ کر
کارِ امروز را بفردا مگزار

(۱۸)
جپنے کے لیے نہیں ہے نامِ اسلام
مسلم ہو تو کیجیے سب اسلام کے کام
سرمایۂ زندگی ہے پیہم کوشش
پیغام اجل ہے آرزوئے آرام
 
(۱۹)
بگڑے ہوئے ہیں بہت مسلماں کے چلن
دل میں کچھ اور لب پہ کچھ اور سخن
پڑھتے ہیں رسولِ عربی کا کلمہ
کرتے ہیں بتانِ آذری کے درشن

(۲۰)
سرخیل پیمبراں رسولِ عربی
تاجِ سرِ خسرواں رسولِ عربی
محبوبِ خدا صاحبِ لولاک لما
شاہنشاہِ دو جہاں رسولِ عربی

(۲۱)
محبوبِ خدا ہیں جزو کل کے مختار
ہے اُن کی غلامی پہ بزرگی کا مدار
فاروق نے سن کر خبرِ مرگِ ہلال
فرمایا کہ مرگیا ہمارا سردار
 
(۲۲)
ہے زیر و زبر حالتِ اہلِ اسلام
برگشتہ سلف سے ہیں خاص اور عوام
پہلے مخلص تھے اور اب ہیں رسمی
پہلے تھے کامیاب اب ہیں ناکام

(۲۳)
ہر امر میں اسلاف کے تھے عزم بلند
تھا اُن کی نظر میں کاہ کوہِ الوند
ہم کیسے ہیں کہتے ہوئے شرم آتی ہے
بدنام کنندہ نکو نام جسند

(۲۴)
کچھ عزت و عظمت ایسے جینے میں نہیں
نقشِ نبوی دل کے نگینے میں نہیں
خالی ہیں صداقت سے ہمارے دعوے
باتیں جو زباں پر ہیں سینے میں نہیں
 
(۲۵)
عبدالواحد اے میرے ہشیار پسر
رکھ مدِ نظر ہمیشہ یہ پندِ پدر
جو بات کہ بے سود ہو وہ بات نہ کہہ
جو کام کہ بے نفع ہو وہ کام نہ کر
 

قطعات

 
(۱)
مخلص کسبب مال و جاہے چند
مہکتے ہست سال و ماہے چند
آنچہ او مہر گنج صد افسوس
کوہ کندن برائے کاہے چند

(۲)
جیسا کہ تیرا حسن ہے کب دل میں آ سکے
ممکن نہیں حباب میں دریا سما سکے
اے چشم دل کے جلنے پہ رونے سے فائدہ
یہ آگ وہ نہیں کہ جسے تو بجھا سکے

(۳)
لبالب جامِ نرگیں پینے والوں کو مبارک ہوں
ہمیں ساقی کی آنکھیں دیکھنا سرشار ہو جانا
کہاں کی رسم ہے خود آپ ہی انصاف سے کہہ دیں
ہمارا پیار کرنا آپ کا بیزار ہو جانا
 
(۴)
گر ایک تن متصور ہوں کل بنی آدم
تو اُس کے سینے میں ہوگی بجائے دل تعلیم
فساد اس کا علامت کہ ہے فساد کا دور
صلاح اس کی بشارت کہ ہے صلاحِ عمیم

(۵)
اُس بت کے طلبگار ہیں دیکھا جسے دیکھا
ایمان سے بیزار ہیں دیکھا جسے دیکھا
انساں کو محبت کی ہوا راس نہ آئی
اس ملک میں بیمار ہیں دیکھا جسے دیکھا

(۶)
کچھ طبیعت کو ٹھہر جانے دو اے منکر نکیر
میں ابھی جاگا ہوں اک خوابِ پریشاں دیکھ کر
حسن بھی کامل نظر بازی کا قائل ہو گیا
آپ حیراں ہو گئے وہ مجھ کو حیراں دیکھ کر
 
(۷)
جلد شہرت ہو گئی دنیا میں جب ہٹلر مرا
یہ نہیں تحقیق کس دن کس جگہ کیونکر مرا
جس کی جنگ چار سالہ سے ہوا یورپ تباہ
جس میں اندازے سے زائد شہری و لشکر مرا
جس کی دہشت سے لرز جاتے تھے ارکانِ جہاں
مرگیا اس طرح جیسے پشۂ بے پَر مرا

  قطعاتِ تاریخ تاریخ تعمیر مزارِ حضرت ابو سعید شہیدؒ

در وسطِ ہند برتری شہرِ جاورہ
ایں بس کہ ہست جائے قرارِ ابوسعید
نواب افتخار علی خاں امیرِ ملک
دارد بجاں عقیدہ بہ کارِ ابوسعید
برجیس قدر ناصر علی خاں ولی عہد
بیتِ رخام ساخت بہ دارِ ابوسعید
احمد برائے سال جو ارشاد یافتم
گفتم محیط فیض مزار ابوسعید ۱۳۵۸ھ

تاریخ ولادتِ دختر

فضلِ یزداں عبیدہ خاتون
ماں باپ کی جاں عبیدہ خاتون
آخر مصرع ہے نام و تاریخ
ہیں زیب مکاں عبیدہ خاتون
(۱۳۴۳ھ)
 
تاریخ ولادتِ پسر

فضلِ خدا دار محمد عابد
نیک اطوار محمد عابد
مخفی مصرع میں ہے نام و تاریخ
عزت آثار محمد عابد
(۱۳۴۸ھ)

تاریخ ولادتِ پسر

مطیع بردار حکم اللہ و نبی
باتیں اچھی ہیں ان کی خصلت اچھی
کہہ دو جو نام و سال پوچھے کوئی
عبدالماجد ہیں نیک بختِ ازلی
(۱۳۵۰ھ)
 
تاریخ ولادتِ پسر

اک بھائی ان کے محمد عابد
دوسرے بھائی عبدالماجد
سالِ ولادت اور نام ان کا
خورشید طالع عبدالواحد
(۱۳۵۶ھ)

تاریخ ولادتِ پسر

شادابی کشت ہیں محمد ساجد
ریحان بہشت ہیں محمد ساجد
تاریخِ ولادت ان کے نام کے ساتھ
مقبول سرشت ہیں محمد ساجد
(۱۳۶۲ھ)
 
تاریخ ولادتِ پسر

دانشور و حق پسند خالد
عالمِ کونین پسند خالد
ہے نام کی ابتدا محمد
فرزند ارجمند خالد
(۱۳۶۶ھ)
 
تاریخِ وفات نصرت محمد خاں چیف جج دربارِ جاورہ

بہ فرمانِ خدا آمد بہ صدرِ دولتِ دیواں
ربود آرامِ جاورہ بہ ایں رنج بے درماں
برآمد سالِ رحلت از دو جزو حادثہ احمد
بہم پیوست زیب جنت و نصرت محمد خاں
(۱۹۵۵ء]۱۳۸۳۴۷۲ھ)

تاریخِ وفات برادرِ کلاں حافظ قاری زین العابدین صاحب

بھائی زین العابدین کی رحلت پر احمدؔ تاریخ
حج کے ماہ کی سولہ اور سن تیرہ سو چھبیس کہو
(۱۳۲۶ھ)
 

متفرق

 

ایک شعر

عالمِ عشق میں آغاز ہے انجام نہیں صبح اس ملک میں ہوتی ہے مگر شام نہیں

ایک شعر

کرو نہ یاد جفا و وفا ہوا سو ہوا یہ فکر عہد گزشتہ میں کیا ہوا سو ہوا

مختصر غزل
شوق جو دل میں چھپا رکھا تھا کام آ ہی گیا
آخر اُن کی مہربانی کا پیام آ ہی گیا
آپ اپنی چارہ گر نکلی مری دیوانگی
خود وہ مجھ کو پوچھنے بالائے بام آ ہی گیا
تھا سفر سے جسم درماندہ مگر ہمت رہی
استراحت کے لیے آخر مقام آ ہی گیا
کجروی کے پیچ و خم سے بچ کے یہ نادم غلام
آپ کی خدمت میں اے شاہ انام آ ہی گیا 
ایک شعر

ہمارا منہ ہے جو چپ چاپ سب کی سنتے ہیں
بگڑ گئے تو عدو کیا پھر آسماں بھی ہیچ
تین شعر

قصوروار بری ہوں قصور ہے لیکن
بڑا قصور ہے پا جائیں بے قصور سزا
کٹیں وہ ہاتھ جو رشوت کے واسطے ہوں دراز
جلیں وہ دل نہ کریں جو حقوق کی پروا
گماں ہے جرم کی لذت سے پھر پھنسے مجرم
بدل پذیر نہیں بے گناہ کی ایذا

مزید تین شعر

اگرچہ ہے بشری جدوجہد نامحصور
غرض ہے ایک رہیں شاد فطرتاً منظور
امیر شال میں ہے یا فقیر کھال میں ہے
ہر ایک حال میں ہے اُنس کی کشش مستور
جب اپنے اپنے لواحق سے دل ہوئے خوگر
پھر اُنکی رات میں ظلمت نہ اُنکے دن میں نور 
متفرق اشعار
(۱)
وہ کام ہو کہ مخالف زباں ہلا نہ سکے
وہ نام ہو کہ جسے آسماں مٹا نہ سکے

(۲)
میرے رونے پہ عدو شاد نہ ہوں بھول نہ جائیں
کہ اُسی طرز پہ ہے گردشِ ایام ابھی

(۳)
ہر ایک کے دن کچھ تو گزرتے ہیں خوشی سے
بے درد فلک تجھ کو عداوت ہے مجھی سے

(۴)
جو چاہا آپ نے کیا جو چاہو کیجیے
کیوں مجھ سے باز پُرس یہ جھگڑے کہاں کے ہیں

(۵) نخل پتھر کھا کے دیتا ہے ثمر ظلم کے بدلے مدارا چاہیے

(۶)
کریں گے آہ اثر ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
انھیں ہماری خبر ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو

دو شعر

نوک اور پلک سے بھی ہے نکلتی کبھی کبھی
میری نگاہ میری نظر سے اُتر گئی
نورِ کرم سے فائدہ عصمت کی حور کو
موتی کی تھی جو اب اترتے اُتر گئی

تین شعر

یہ سچ سہی پدرِ ما امیر و سلطاں بود
مگر امارتِ مرحوم سے ہمیں کیا کام
چچوڑتے ہیں بزرگوں کی ہڈیاں وہ لوگ
جو اپنی ذات میں پاتے نہیں ہیں کوئی نام
سنبھل سنبھل کے قدم پھونک پھونک کے رکھنا
چھپے ہوئے ہیں ترے راستے میں سیکڑوں دام
 
تلسی داس کا دوہا اور اس کا ترجمہ
دوہا
رام چھبی کم کروں بکھاتی
بانی اینن اینن بن جاتی
ترجمہ
جمالِ یار بیروں از بیانست
زباں بے دیدہ دیدہ بے زبانست

ایک مطلع

تقوی پر اعتماد فریب خیال تھا
ملتے ہی آنکھ ہوش میں آنا محال تھا
ایک طویل مطلع

وہ کہتے ہیں دل تو کچھ بھی نہیں میں کہتا ہوں سب کچھ دل ہی تو ہے
کی عرض کہ ہے یہ بیت اللہ فرمایا آب و گل ہی تو ہے
 
دو دوہے
(۱)
تیر تفنگ کی چوٹ سے اوٹ ہوئے بچ جائے
دو نیناں کی چوٹ سے اوٹ ہوئے مر جائے
(۲)
پیتم ہم تم ایک ہیں کہن سنن کو دوئے
من سے من کو تولیے دو من کبھی نہ ہوئے
مندرجہ بالا دوہوں کا بیاض میں اندراج ہے۔ لیکن صحت نہیں، دوہے مرحوم کی تخلیق تھے یا محض۔ پسند آئے تھے اور بیا،ض میں درج کر لیے گئے (مرتّب)

فرد

ہست در قرآن فرمانِ خدا
لیس الانسان الا ماسعیٰ
(مصرعِ اولیٰ فارسی اور مصرعِ ثانی عربی کا بیاض میں درج ہے۔ واللہ اعلم، یہ مرحوم کی تخلیق ہے یا کسی قدیم تخلیق کار کی۔ یہ مثنوی المعنوی کا قیاس کیا جاسکتا ہے۔ وہی رنگ ہے۔۔۔۔ مرتّب)

 

گمشدہ و ناتمام کلام

بذریعۂ یادداشت تحریر کردن

  از قصیدہ گمشدہ، مرتّبہ ۱۹۰۲ء

اے ہماری جان سے پہچان سے باہر خدا
شکر یہ تیرے کرم کا ہو نہیں سکتا ادا
چرخ سورج چاند تارے صاعقہ رعد اور برق
جانور پتھر شجر خار آگ پانی اور ہوا
تیری رحمت کے مظاہر لمحہ لمحہ جلوہ گر
تیری نعمت کے مناظر جا بجا صورت نما

قبل از ۱۹۰۷ء

دو رکعتیں ادا کیں گیسو جو رُخ سے سرکا
زہادِ بے خبر کو دھوکا ہوا سحر کا
طوفان اشک میں بھی اٹھتے ہیں سر سے شعلے
جلنا تو دیکھ جاؤ ڈوبے ہوئے شجر کا
فرقت کی تیرہ شب میں شمع حیات عاشق
رہتی ہے جھلملاتی جیسے دیا سحر کا
سچ کہہ رہا ہے قاصد سمجھیں گے وہ نہ صادق
ہاں خط کے ساتھ لے جا ٹکڑا کوئی جگر کا
 
ایضاً قبل از ۱۹۰۷ء

ابھی سے پڑ گئے ہمت کے پاؤں میں چھالے
ہے آگے وادیِ پُر خار دیکھیے کیا ہو
ہوا ہے جس سے نہ جاں بر کوئی مریض وہی
لگا ہے جان کو آزار دیکھیے کیا ہو

ایضاً قبل از ۱۹۰۷ء

حضرت دل کیا کسی سے چار آنکھیں ہو گئیں
کہئے تو کیوں نقش بر دیوار آنکھیں ہو گئیں
جس طرف پلٹیں صفیں اُلٹیں کئے میدان صاف
ذوالفقار حیدر کرار آنکھیں ہو گئیں
کون سا وہ میکدہ ہے جس کے دو ساغر ہیں یہ
اُن کی آنکھیں دیکھ کر سرشار آنکھیں ہو گئیں
 

ناتمام

ضبط کب تک رازِ پنہاں آشکارا ہو تو ہو
اُن سے ملیے عزت و جاں کا خسارا ہو تو ہو
راستہ دشوار منزل دور مقصد ناپدید
طے سفر اُس کی عنایت کا سہارا ہو تو ہو
ہجر میں چاروں طرف اندھیر ہی اندھیر ہے
روشنی آنکھوں میں وہ آنکھوں کا تارا ہو تو ہو
ناز سے جو آسماں پر بھی قدم رکھتے نہیں
اُن سے ملنا، اوج پر اپنا ستارا ہو تو ہو
صبر اور پرہیز کی تاثیر میں کچھ شک نہیں
یہ علاج اے چارہ ساز دل ہمارا ہو تو ہو
قفل وہ بھی زنگ بستہ کب کھلے کنجی بغیر
دل کشادہ تیری نظروں کا اشارہ ہو تو ہو
منحرف قسمت جہاں برگشتہ وہ بیداد گر
احمدؔ ایسی زندگی تم کو گوارا ہو تو ہو
 
ناتمام

تصوّر سے ترے دل خوش ہے اس کو شاد رہنے دے
وہ گھر جس گھر میں تو آباد ہے آباد رہنے دے
بہار آئی ہے گلبن جھومتے ہیں پھول ہنستے ہیں
کوئی سنتا نہیں بلبل تری فریاد رہنے دے
نشانہ مجھ کو تیروں کا بنا گر تیرا دل چاہے
مگر اپنی گلی میں اے ستم ایجاد رہنے دے

ناتمام

میں دامِ آزمودہ نہ صیاد دیدہ ہوں
وحشت مری سرشت ہے از خود رمیدہ ہوں
بے کار جدوجہد ہے اے مہربانِ طبیب
افعی گزیدہ میں نہیں مردم گزیدہ ہوں
غمگین کس مپرسی کی بود و نمود کیا
میں دیدہ یتیم کا اشکِ چکیدہ ہوں
ہم سینہ چاک عشق سے شرمندہ عذر خواہ
مجنوں کو ناز ہے کہ گریباں دریدہ ہوں
 
قدیم گمشدہ غزل، قبل از ۱۹۰۹ء

پوری کوئی کسی کی تمنا ہوئی تو کیا
اک شاخ شاخسار میں پھولی پھلی تو کیا
کل خار و خس پہ بیٹھ کے روئے گی زار زار
پھولوں پہ آج بیٹھ کے بلبل ہنسی تو کیا
باتیں کریں ہمیں جو کوئی راز داں ملے
سوتوں کے آگے رام کہانی کہی تو کیا
سانچے گرو کا پنتھ ہے من خاک میں ملاؤ
سائیں جی راکھ آپ نے تن پر ملی تو کیا
خرمن کے انتظار میں بجلی ہے بے قرار
اے ابر تیرے فیض سے گنگا بہی تو کیا
طے ہونے والی راہ میں ناداں مسافرو
راحت ملی تو کیا جو مصیبت سہی تو کیا
یہ رسم ہے کہ آپ ملے ضبط کو بچائے
کم ظرف شمع اشک بہاتی جلی تو کیا
جینے کا لطف جب ہے کہ ہو یار ہمکنار
مرنے کی آرزو میں کٹی زندگی تو کیا
احمدؔ کلام وہ ہے جو کر لے دلوں میں گھر
اس طرح یہ جناب نے کی دل لگی تو کیا
 
ناتمام غزل، قبل از ۱۹۰۹ء

جہاں میں بے بہا نعمت ہے صحبت آشناؤں کی
مگر ملنے کے لائق آشنا مشکل سے ملتا ہے
وہ میرے قتل کے درپے فدا ہونے کا میں خواہاں
کوئی کس دل سے ملتا ہے کوئی کس دل سے ملتا ہے
خس و خاشاک آنکھوں سے نکلوا کر تجھے دیکھیں
جو کہتے ہیں ترا چہرہ مہ کامل سے ملتا ہے
کہاں قسمت گلے تجھ سے ملے یہ بھی غنیمت ہے
کہ جھک جھک کر ترا خنجر ترے بسمل سے ملتا ہے
تماشا بن گیا ڈوبا ہوا پیکاں کلیجے میں
کوئی بسمل سے ملتا ہے کوئی قاتل سے ملتا ہے

ایضاً قبل از ۱۹۰۹ء

وائے ناکامی کہ شد آغاز من انجام من
اندریں مردم کہ چوں آزاد باید ریستن
احمد از بوسیدن لب ہائے جاناں آرزوست
ہمچو نئے با نالہ و فریاد باید ریستن
خوبیِ کالانگر جوشِ خریداراں ببیں
آں چناں را با چنیں بیداد باید ریستن

یک شعر

دلم غرق خیالش محو دیدار ست پنداری
بخود ہم ننگرد از خویش بیزارست پنداری
مزید یک شعر

بہ رنج و راحتِ گیتی عبث گرفتاری
کہ قدر و قیمتِ ایں ہا چناں کہ دانی نیست

گمشدہ غزل،قبل ۱۹۰۲ء

سہ چلے ہم عمر کے آزار سوتے جاگتے
کٹ گئی یہ راہِ ناہموار سوتے جاگتے
دل پریشاں دن کو ہے خواب پریشاں رات کو
کل نہیں پڑتی مجھے اے یار سوتے جاگتے
مدعا یہ ہے ٹھہرنے میں نہیں کچھ اختیار
نبض ہم کو دے رہی ہے تار سوتے جاگتے
چشم دل ہوتی ہے واجب چشم سر ہوتی ہے بند
مجھ کو حاصل ہے ترا دیدار سوتے جاگتے
پھر بھی پرہیز و دوا سے جی چراتا ہے بشر
موت کے منہ میں ہے یہ بیمار سوتے جاگتے
ہم عناں ہیں ناز شاہی و نیاز بندگی
پاس رہتے ہیں مرے سرکار سوتے جاگتے
حبِّ دنیا دشمن جاں ہو گئی احمد علی
کھائے جاتی ہے مجھے مردار سوتے جاگتے
 

ایضاً

کیا سر میں ترے سودے نے گھر آہستہ آہستہ
وبالِ سر ہوا یہ دردِ سر آہستہ آہستہ
لطافت کا بھلا ہو خوف ہے کانٹے نہ چبھ جائیں
گل عارض پہ پھرتی ہے نظر آہستہ آہستہ

ضائع شدہ چند بند قبل از ۱۹۰۹ء

زمانہ دیکھ لیا سیر کی دیار دیار
ہوا نصیب نہ پل بے خمار و گل بے خار
ظلام و نور بہم نیش و نوش ہیں توّام
ہوئے ہیں شاہ کے ہمدم جہاں کے افکار
کلاہ دار سروں کو ہے دردِ سر لازم
کلاہ دار نہ بیمار ہوں تو ہیں بیمار
مگر مریض جہاں کے یہی صحیح مریض
نہ ہوں طبیب تو ہو جائے زندگی آزار
یہ جاگ جائیں تو ہو جائے عام چین کی نیند
اگر یہ سوئیں تو فتنے تمام ہوں بیزار
معین مذہب و ملّت امیر مستعصم
رقم طراز ہے عباسیوں کا نامہ نگار
ہوئے سریرِ خلافت پہ جب جلوس نواز
بدل چکی تھی بہت آسمان کی رفتار
کبھی زمیں میں دباتا ہے یہ نفیس گہر
کبھی زمیں سے اٹھاتا ہے یہ خسیس غبار
صغار نوحہ کناں تھے کبار نغمہ زناں
یہ میگسار وہ بیچارے زیست سے بیزار
نوائے حال کے جو گوش دل تھے محرمِ راز
ہر ایک سمت سے وہ سن رہے تھے یہ آواز

ایضاً

دیے ہیں دیس نکالے معاشیوں کو عبث
نکل سکیں تو نکالیں دلوں سے کینوں کو
میسر آئی جواہر مآب کان تو کیا
کریں تلاش معارف مآب سینوں کو
جوان و پیر کے مد نظر رہے یہ پند
ہر آنچہ خود نہ پسندی بہ دیگرے مپسند
 
قدیم گمشدہ

حذر ہے عدل کے ان سے فرس نشینوں کو
مہم ہے سخت گدھوں پر کسیں نہ زینوں کو
حریر پوش تن و توش پر ہیں اتراتے
شرف مکاں سے ملا ہے انہی مکینوں کو
خودی سے بیخود اور اس بیخودی سے ہیں غافل
کوئی کہے تو چڑھاتے ہیں آستینوں کو
دل ان سے کون ملائے کہ یہ فرش ابرو
ملائے رکھتے ہیں اپنی جبیں سے چینوں کو
نہ ہوں فلک سے بلندی طلب کہ یہ تارے
ملے ہیں خاک پہ رکھی ہوئی جبینوں کو
گہر فروش بہت معتبر سہی لیکن
خریدتے ہیں تو خود آنک لیں نگینوں کو
 
ناتمام

راز کی بات راز دار سے پوچھ
حال گلزار کا بہار سے پوچھ
صبر سرمایہ مسرت ہے
عربستاں کے روزہ دار سے پوچھ
رمز حب الوطن من الایماں
دور افتادہ دیار سے پوچھ

ناتمام

سراسر کامیابی ہے محبت اے ستم پرور
چھری گردن پہ چلتی پھر بھی لب پر آفریں ہوتی
ہر اک جلوہ نیا ہے وصل بھی ہوتا تو کیا ہوتا
کبھی راحت نہیں ملتی کبھی تسکیں نہیں ہوتی
سمجھتا میں کہ پہنچے پاؤں میرے چرخ ہفتم پر
اگر اس کے قدم کی خاک پر میری جبیں ہوتی
 

ناتمام قدیم قبل از ۱۹۰۹ء

ستم اس لیے ہیں مجھ پر کہ الم سے کل نہ آئے
اُسے زہر دے رہے ہو کہ جسے اجل نہ آئے
مری حق گزاریاں یہ کہ رہوں مدام شاکی
تری پاس داریاں وہ کہ جبیں پہ بل نہ آئے
مرے ناصبور دل کو یہی آرزو تھی زیبا
جو کیوں تو آن جائے نہ کیوں تو کل نہ آئے

ایضاً ارتجالاً، ناتمام

دھن دولت شان اور شوکت سے سب امیدیں بے فائدہ ہیں
غافل ناداں گر تجھ کو خواہش چین کی ہو تو مر کر دیکھو
تو کس کو ڈھونڈتا پھرتا ہے دریا دریا جنگل جنگل
ہے تو یہی ہے جہاں جو کچھ ہے ذرا آپے سے اپنے گزر کر دیکھ
آنکھ کے اک ادنیٰ سے ذرے میں بے گنتی سورج مخفی ہیں
آنکھیں تو دل کی کھول ذرا پھر اس دنیا پر نظر کر دیکھ
 
قبل از ۱۹۲۳ء

دریا کی تہ میں منزلِ مقصود ہے نہاں
کشتی ہماری بیچ میں ڈوبے تو پار ہو
نادان زاہدوں کی رسائی وہاں کہاں
فردون جس کی راہ میں اک سبزہ زار ہو
احمد صف فعال میں بیٹھے ہیں دیکھنا
جیسے کہ زیبِ صدر کوئی شہریار ہو
ایک شعر

جو حال ہے دل کا وہ بیاں ہو نہیں سکتا
کہنے سے بھی یہ راز عیاں ہو نہیں سکتا
 
ناتمام و گمشدہ، ۱۹۲۵ء

زخموں سے تپاں شوق شہادت میں رواں بھی
بسمل تری نظروں کے چنیں بھی ہے چناں بھی
اللہ کرم اب تو مری تشنہ لبی پر
ساقی ہے شب قدر بھی ماہِ رمضاں بھی
پروانے کے انداز ہیں بچوں کا تماشہ
پُھنک جائیے اس طرح کہ اٹھے نہ دھواں بھی
اس راہ سے آگے ہے بہت رند کی منزل
جس راہ میں اک سبز خیاباں ہے جناں بھی
 
ناتمام

یہاں بقا ہے فنا ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
طبیب مری دوا ہو تو ہو نہ ہو تو ہو
ہمیں تو حقِ محبت سے کچھ نہیں سروکار
یہ قرض تم سے ادا ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
مری مراد ہے تم پر نثار ہو جانا
تمھیں خیال مرا ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
ہمیں تو نگہتِ گل کی امید کافی ہے
چمن میں بادِ صبا ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
مری وفا ہے طبیعی کسی غرض سے نہیں
کسی کو پاسِ وفا ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
غنی ہوئے جو ملی دیدِ یار کی دولت
یہ ملک و مال ہے کیا ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
وہ اپنی چال چلیں گے کچھ اس کی فکر نہیں
جہاں میں حشر بپا ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
مجھے تو آپ سے عرضِ نیاز لازم ہے
قبول میری دعا ہو تو نہ ہو تو نہ ہو
ہماری زیست ہماری نہیں تمھاری ہے
اگر تمھاری رضا ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
سوال خوئے رضا کے خلاف ہے احمدؔ
وہ آپ جلوہ نما ہو تو ہو نہ ہو تو نہ ہو
*****
تشکر جناب ع واحد اور ڈاکٹر اقبال ماہلی۔
ان پیج سے تبدیلی، تدوین، اور ای بک کی تخلیق: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

بادۂ نو