بارش کا پہلا قطرہ
نظمیں جمع و ترتیب: اعجاز عبید سیما نقوی امروہوی
عورت کہانی
یہ مانا میں بہت ہی
خوبصورت ہوں
یہ رعنائی یہ شوخی بانکپن جو
سبھی تم کو بڑا خوش رنگ
دل آویز لگتا ہے
یہ آنکھیں
مے کے دو پیا لے
کہ جو جھانکے
وہ اک پل میں
نشے میں چور ہو جائے
لچکتی ڈال سی با ہیں
کہ جن کو دیکھ کر
تم سا کوئی محصور ہو جائے
گھنیری زلف کے سائے
کہ جیسے رات در آئے
وہ لالی سرخ ہونٹوں کی
چرا لینے کو جی چاہے
چمکتا چاند سا چہرہ
کہ بس دل میں اتر جائے
یہ قامت سرو کہ جیسی
غزل جس پر کہی جائے
مگر اکثر
میں اب یہ سوچتی ہوں
کہیں اس ڈر سے
تم
یہ تو نہیں کہتے
کہ آدھی ہوں مگر
اک دن کہیں پوری نہ ہو جاؤں
کہیں اک دن
تمہارے قد سے بھی
اونچی نہ ہو جاؤں
٭٭٭
ماں
سنو !!!
اک لفظ بو جھو تو ذرا سا
کہ جس کو جوڑ کر
بس تین حر فو ں کو ملا کر اک ذرا دیکھو
تو پھر تم جان پاؤ گے تو سن لو
کسی بھی پیار کی شدت سے پیارا
شہد کی چاشنی سا بھیگا پھیکا
مہرباں اور ان دیکھے خد ا کے
روپہلے نور کی چھا یا کے جیسا
یہی اک روپ بن پایا کہ جس کو
یہاں دھرتی کا ہر باسی ازل سے
کہیں خود کی زباں سے
بے زبانی میں کہیں پہ
بڑھاپے میں کبھی بچپن میں اپنے
کبھی دکھ میں
یا چھو ٹی سی خو شی میں
ہمیشہ سے یہی اک لفظ کہتا تھا
سدا کہتا رہے گا
کہو !!!
اب بھی نہیں سمجھے
بتا دوں
سنو
وہ سہ حر فی لفظ
ماں ہے
٭٭٭
ایک ماں کی دعا
اے خدا اے میرے رب اے خالق ارض و سما
پالنے والے ادا کیونکر ہو تیرا شکریہ
ساری دنیا سے حسیں تحفہ کیا مجھکو عطا
مجھ کو پہنایا گیا ہے تاج ماں کے نام کا
ان حسیں پھولوں سے تو نے بھر دیا سارا چمن
ڈالی ڈالی جب مہکتی ہے تو جھو مے میرا من
یہ مرے ننھے فرشتے یہ مرے شمس و قمر
ان کے جگمگ چاند سے چہروں سے روشن میرا گھر
چار سو خوشبو بکھیریں یہ مری بگیا کے پھول
سات رنگوں کی دھنک بھی ان کے قدموں کی ہے دھول
یہ مرے جگمگ ستارے ان سے روشن ہے جہاں
گنگناتی ہیں ہوائیں گیت گائے آسماں
جاگنے سے ان کے ہو صبح، ان کے سونے سے ہو شام
میرے رات اور دن تو میرے چاند تاروں کے ہیں نام
موندھ لیں آنکھیں تو راتیں لوریاں دیں رات بھر
آنکھ جو کھولیں تو ہو جائے نئی روشن سحر
ان کو جب دیکھوں تو من میں روشنی بھر جائے ہے
اور نہ دیکھوں ایک پل تو چاندنی کمھلائے ہے
موتیوں سے قیمتی ہے ان نگاہوں کی چمک
ایک کلکاری میں جیسے آبشاروں کی کھنک
ان کے میٹھے میٹھے بولوں سے ہے مہکے میرا من
جیسے کوئل کوکتی ہے پیڑ پر ہو کر مگن
یہ جو مسکائیں تو کلیاں کھلکھلا کر ہنس پڑیں
یہ جو روئیں تو ستارے جھک کہ پلکیں چوم لیں
میری آنکھوں میں جو سپنے ان کے دم سے ہیں سجے
ہے یقیں کہ خواب یہ پورے کریں گے سب مرے
اے خدا تو میرے ان قدموں کو جنت دے نہ دے
ہے دعا اتنی کہ ان کو دو جہاں کا سکھ ملے
معاف کر دینا انہیں گر ان سے کوئی بھول ہو
ہر دعا ان کی ترے دربار میں مقبول ہو
٭٭٭
ایک حادثہ
ابھی ذرا کچھ ہی دیر پہلے
وہ گھر سے دو کوس ہی تو آگے
بڑی ہی عجلت میں
اپنی گاڑی بھگا کے
تیزی سے جا رہی تھی
کہ چند چیزیں، بہت ضروری
خریدنی تھیں وہاں سے اس کو
وہ چھوٹے چھوٹے ہزار جھنجھٹ
بلا ارادہ ّہی حسب عادت
جو روز و شب اپنی نوٹ بک میں
بڑی لگن سے وہ لکھتی رہتی
وہ نامکمل سی لسٹ اس کی
کبھی بھی نا ختم ہونے والی
ہمیشہ جس میں وہ اور کچھ بھی
نہ درج کرتے کبھی تھکی تھی
سو آج بھی اک نئے سویرے میں
جلدی جلدی بھگا کے گاڑی
بہت مگن سی وہ جا رہی تھی
اور اس سے پہلے کہ حسب عادت
وہ لال بتی سے جیت جاتی
کہ بس اچانک
فضائیں گونجیں
ہوائیں لرزیں
صدائیں چیخیں
کہ جیسے
کچھ تو کہیں ہوا ہے
نہیں
یہ شاید یہیں ہوا ہے
اسے بس اک بار
یوں لگا کہ
فلک سے بجلی سی گر پڑی ہو
کوئی قیامت سی ٹوٹتی ہو
وہ چند لمحے، وہ پل گھسٹتے
تھے اپنے گھٹنوں کے بل کھسکتے
وہ بیکراں جانگسل اذیت
اکھڑتی سانسوں کی لڑکھڑاہٹ
وہ ساعتیں
جو کہ اس کی سانسیں
ہزار کوشش بھی گن نہ پائیں
نہ کوئی مہلت کوئی عداوت
بس ایک حیران سی شکایت
عجب سی ویران تھی خموشی
کہ جس میں چلاتے سائرن کی
بھی ایک آواز مل گئی ہے
مگر وہ سوچ اس کی
اس سمے بھی
نہ جانے کس کام میں الجھ کر
ابھی بھی حیران ہو رہی ہے
ابھی تو کتنے ہی کام اس کے
ادھورے آدھے پڑے ہوئے ہیں
نہ جانے کتنے کلام
اس کے لبوں پہ آنے سے رہ گئے ہیں
وہ نامکمل سی لسٹ اس کی
ابھی بھی آدھی بھری ہوئی ے
وہ اس کے دن کے تمام گھنٹے
ہمیشہ اس کو جو کم پڑے تھے
وہ ّآج بھی کم ہی رہ گئے ہیں
وہ آج بھی غیر مطمئن ہے
وہ آج بھی مضطرب رہی ہے
٭٭٭
اعتراف
وُہ مُجھ سے
پیار کرنا چاہتا ہے
مرے دل میں
اترنا چاہتا ہے
حنائی دست و پا کی
نرمیوں کو بس
ذرا محسوس کرنا
چاہتا ہے
اور ان آنکھوں کی جھیلوں
میں
اتر کر
پار ہونا چاہتا ہے
میرے ہاتھوں کی
بہت گڈمڈ
لکیروں
میں خود اپنا نام آ کر
ڈھونڈتا ہے
کیا بتاؤں گی
اُسے کیسے بتاؤں گی
کہ میری زندگی
میری نہیں ہے اور
اسے تو میں نے کب کا
بیچ ڈالا ہے
عوَض
کچھ اپنے پیاروں کی خوشی کے
سنو
یہ بھی حقیقت ہے
کہ یہ سودا
مجھے سستا پڑا تھا
میں کُچھ اپنوں کی خوشی میں
مطمئن تھی اور اپنے
رات دن میں
جوجھتی تھی
اب یہ ایسا کیا اچانک ہو گیا
مُجھ کو
کہ میرے خواب
پھر سے جاگ اٹھے
اور اب کیوں زندگی کروٹ بدل کر پھر
نئے رنگوں میں گُھلنا چاہتی ہے؟
مُجھے جو
خوشبوؤں کے نرم جھونکے
گدگدانے آ رہے ہیں
ان سے کہہ دو
اس دُکانِ دل
پہ تالہ پڑ چُکا کب کا
یہاں دستک کا کوئی
فائدہ ہرگز نہیں
ہوگا
!!!
٭٭٭
فیصلہ
چلو!!!
مانا کہ یہ دنیا مری
رنگوں بھری سی ہے
بہت دلکش بہت سندر
کوئی جادو گری سی ہے
کہ یہ جیسے دھنک کے
سات رنگوں میں
گندھی بھی ہے
چلو!!!
یہ بھی صحیح ہے
کہ جدا ہے یہ
زمانے سے
مگر...........
یہ بھی حقیقت ہے
کہ میں بھی تو
اسی دنیا کی باسی ہوں
جہاں لمبی قطاریں,
الگنی پر دور تک
لٹکے ہوئے کپڑوں کی،
کتنی خوشنما، خوش رنگ
دکھتی ہیں
کوئی بھی ہاتھ پھیلا کر
انہیں اک پل میں چپکے سے
کہیں بھی ساتھ لے جائے
کہ جیسے کوئی بھی در پر
بنا آہٹ بنادستک دئے
چپکے سے گھس آئے
مگر یہ حق
کسی کو بھی نہیں
میں نے دیا
اب تک
سو میرا فیصلہ سن لو
مرا اپنا رہے گا
مرا یہ فیصلہ
حتمی ہی میرے
خواب گر ہو گا
٭٭٭
ابارشن
زندگی زہر تو نہیں لگتی!۔۔
رنگ و خوشبو کا امتزاج ہے یہ
یہ اجالا ہے چاند تاروں کا
یہ تجلی ہے نور یزداں کی
ہے یہ سرگم خوشی کا فرحت کا
عشق کا حسن کا محبت کا
یا کوئی اور بھی ہے روپ اس کا
ہاں کبھی روٹھ بھی یہ جاتی ہے
بے سبب ٹوٹ بھی یہ جاتی ہے
وہ جو دُنیا میں بھی نہ آئی تھی
جو فقط کوکھ میں سمائی تھی
جیسے تحفہ حسین قدرت کا
وہ جو اک انتظار تھا کب سے
کہ وہ معصوم سی حسیں صورت
اک مجسم جمال کی مورت
آ کے دنیا کو دنگ کر دے گی
اور دھرتی کے کینوس پہ نیا
دلنشیں کوئی رنگ بھر دے گی
،،،،،،،،،،
اور تجسیم سے ذرا پہلے
کچھ یہ ایسا جو ہو گیا یکدم
وہ جو مالی تھا اس شگوفے کا
وہ جو دن رات سینچتا تھا اسے
جانے کس وقت جانے کس پل میں
بےبسی یا کہ بے حسی کے سبب
اس کو جڑ سے اکھاڑ پھینک گیا
اور اک اور پھول دنیا میں
جس کا اپنا کوئی قصور نہ تھا
اپنے کھلنے سے پیشتر دیکھو
یونہی کمہلا کے منہ کو موڑ گیا
بھول تو باغباں کی تھی لیکن
زرد موسم چمن نے اوڑھ لیا
زندگی زہر تو نہیں لگتی؟؟!!
٭٭٭
جانے کیوں؟
جب سے مجھ کو ملا ہے تو......
ہمدم
لب مرے
بے صدا سے رہتے ہیں
اب کوئی بات
یہ نہیں کرتے
خود سے نا آشنا سے
رہتے ہیں
یہ خموشی کے ساتھ
رہتے ہیں
یہ
خموشی میں بات کرتے ہیں
جانے کیوں لوگ سب ہراساں ہیں
جانے کیوں لوگ بات کرتے ہیں
جانے کیوں وہ سوال کرتے ہیں
جانے کیوں میں خموش رہتی ہوں
بات اتنی سی ہے کہ
جان وفا
میں تو اب
شبنمی فضاؤں میں ہوں
میں تو اب
پیار کی صداؤں میں ہوں
میں تو اب ریشمی گھٹاؤں میں ہوں
میں تو اب تم کو سوچتی ہوں صدا
اب کہاں وقت بھی رہا میرا
سو مری جان اس لئے چپ ہوں
کہ تمہیں سوچنے کے بعد مجھے
وقت بالکل بھی اب نہیں ملتا
اور لب بے صدا ہی رہتے ہیں
جانے کیوں؟؟
لوگ سب ہراساں ہیں
جانے کیوں؟؟
لوگ بات کرتے ہیں
جانے کیوں؟؟؟
٭٭٭
اک سوال
نہ جانے...........
کون لوگ ہیں؟
جو میرے اتنے پاس ہیں
کہ ان کے دل کی دھڑکنیں بھی
میرے دل کی دھڑکنوں کے ساتھ
ایک جان ہیں
وہ
جن کا پیار زندگی کی
قیمتی اساس ہے
مگر عجیب درد سا
جو اٹھ رہا ہے سینہ میں
ہر ایک سانس سرد ہے
بڑی عجب سی ہے گھٹن
سسک رہی ہیں دھڑکنیں
بھٹک رہی ہے زندگی
مگر عجیب بات ہے
کہ چاشنی سے لفظ ہیں
اور اطلسی غلاف میں
سجے ہوئے ہیں اژدھے
ہیں جن کے منھ کھلے ہوئے
جو ایک ہی پھنکار میں
مرا ہی دل نکال کر
بڑے سکوں سے لے گئے
اور اب وہاں پہ کچھ نہیں
بس اک خلا کے ماسوا
تو پھر بتا نا زندگی
یہ لوگ جو عجیب ہیں
یہ کیوں مرے قریب ہیں
یا پھر بتا دے یہ ذرا
یہ لوگ کیوں عجیب ہیں
جو اس قدر قریب ہیں
٭٭٭
امید (میرے بیٹے اظفر کے نام، بائیسویں سالگرہ پر)
...............وہ
ایک ننھی سی نرم کونپل
جو میرے آنگن میں جانے کب سے
مری ہی مٹی سے جنم لے کر
تمام دیوار و در کو میرے
چہکتی کلکاریوں سے اپنی
حسین نغمے سنا رہی تھی
وہ آج کھل کر مہک اٹھی ہے
اور اب دھنک سی بہار دیکھو
مری بھی چوکھٹ پہ ہولے ہولے
خوشی سے ملہار گا رہی ہے
یہ آنے والے حسین کل کی
نوید مجھ کو سنا رہی ہے
سو اب یقیں ہو چلا ہے مجھ کو
مرے بھی آنگن بہار ہو گی
مرا بھی کل جگمگا اٹھے گا
دمکتا روشن سبک سنہرا
مرے بھی گھر آئے گا سویرا
مرے بھی گھر آئے گا سویرا
٭٭٭
بلو برا گرل Blue Bra Girl
-------تو کیا ہوا جو
کہیں پر کھڑی ہوئی لڑکی
بلا سبب ہی
زمانے میں بے لباس ہوئی
بلا سبب
کئی وحشی جھپٹ پڑے اس پہ
بنا ہی جرم اسے پھر سزا سنائی گئی
وہ مخملیں سا بدن خود سے شرمسار ہوا
بدن پہ اس کے سجا اس کا ریشمی ملبوس
تمام دنیا کے آگے جو تار تار ہوا
سو یہ بہی اچھا ہے
سیل فون کی بدولت اب
سبھی زمانہ اسے بے لباس دیکھتا ہے
کسی نے اس کو لگایا ہے یو ٹیوب پہ جو
ہر ایک شخص اسے بار بار دیکھتا ہے
نہ جانے کون ہے آئی کہاں سے کیا معلوم
نہیں کسی کو کوئی غرض اس فسانے سے
وہ اک لبادہ ہی پہچان بن گئی اس کی
وہ نام جس سے سبھی اس کو یاد رکھیں گے
سو یہ بہی اچھا ہے
اب ہم ترقی یافتہ ہیں
خدا کا شکر ہے
ہم سب ترقی یافتہ ہیں
٭٭٭
کٹھ پتلی
میں ہوں......
ضرور کہیں ہوں!!!!
کہ میرے چاروں طرف
کسی یقین کا احساس جگمگاتا ہے
مرے وجود کے لاچار کھوکھلے بن میں
کہیں پہ کوئی دیا اب بھی جھلملاتا ہے
خودی کی لہر
مجھے نیند سے جگاتی ہے
سو جینے والو!!
سنو!!!
میرا فیصلہ سن لو
میں آج سے نئے ادوار جینا چاہتی ہوں
فلک بھی ہاتھ سے اپنے میں چھونا چاہتی ہوں
مجھے بھی حق ہے
کہ جی پاؤں زندگی اپنی
قدم قدم پہ بچھائے گئے سبھی کانٹے
میں اپنی نرم سی پوروں سے خود ہٹا پاؤں
تو کیا.......
جو پاؤں کے زخموں سے پھر لہو ابلے
کہ جیسے سرخ حنا میرے ہاتھ پر مہکے
کہ جسے خار کی آغوش میں گلاب کھلے
مجھے یقین ہے کر پاؤں گی رفو سارے
مجھے اب اپنی مسیحائی پر بھروسہ ہے
تو کیا ...................
جو میں بھی کبھی لڑکھڑا کے گر جاؤں
مجھے یقین ہے خود کو سنبھال پاؤں گی
عصائے فکر جو اب ساتھ ہے سہارے کو
تو کیا ...............
جو میں کبھی رستہ کہیں پہ کھو جاؤں
مجھے یقین ہے واپس ڈگر پہ آؤں گی
چراغ خضر کہیں ذہن و دل میں ہے روشن
سو یہ بھی حق ہے
کہ میں آپ اپنا آپ جیوں
اور اس قدر بھی
کہ خود موت اپنی مر پاؤں
یہ حق مرا ہے
یہ حق آج صرف میرا ہے
سو آج حق مجھے اپنا بھی کچھ نبھانے دے۔۔۔۔۔
بنانا چاہتی ہوں جو مجھے بنانے دے۔۔۔۔۔
نہیں قبول مجھے آج زندگی ایسی
نگار خانۂ عالم میں جیسے کٹھ پتلی
٭٭٭
بارش کا پہلا قطرہ
کبھی.....
جو من کے آنگن میں
کوئی اک اشک تنہا سا
سسکتی اور دہکتی سی
بلکتی سرسراتی سی
مری تپتی، لہو رستی
غموں کی خشک کیاری پر
جو اک دم........
چھن سے گرتا ہے
غبار اٹھتا ہے
کچھ ایسے کہ جیسے
ریگزاروں پر
وہ پہلی بوند بارش کی
برس کر
ایک پل میں
پیاس سے بے حال دھرتی پر
اسے
سیراب کرنے کی جگہ
پھر سےدھواں بن کر
سنہری بدلیوں میں جا کے
دوبارہ سے چھپ جائے
وہ پھر
اک بار مٹنے کے لیے تیار ہو جائے
وہ
پھر اک بار مٹنے کے لیے
!!!!تیار ہو جائے
٭٭٭
دائرہ
یہ شام میری نہیں ہے نہ جانے کس کی ہے
یہ سرمگیں سی فضائیں یہ نرم نرم ہوا
شفق کو ڈھونڈتا بادل، مہکتی مست پون
کوئی پرند، کوئی پریم گیت گاتا ہوا
سریلی ہیر کوئی دل زدہ سناتا ہوا
قدم قدم کہیں خوشیوں کے پھول کھلتے ہوئے
فلک پہ چاند ستارے دیوں سے جلتے ہوئے
یہاں پہ رنگ ہے، خوشبو ہے، زندگانی ہے
یہاں بہار ہے کھلتی ہوئی جوانی ہے
یہ شام میری جو ہوتی تو پھر نظر بہ نظر
ستارے راکھ سے ہوتے ہوئے نظر آتے
یہ آسمان لہو اشک رو رہا ہوتا
یہ شام سرمئی ہوتی نہ جلتا کوئی چراغ
بس انتظار ہی رہتا ، کسی سے ملنے کا
مری تو شام اماوس کی رات کی صورت
اترتی ہوتی مرے جسم میں تھکن بن کر
یہ شام میری نہیں ہے یہ شام جس کی ہے
کل اس کا دل بھی اسی طرح سے صدا دے گا
یہ وقت دائرہ درد سے گزرتا ہوا
اسے بھی گھور اماوس میں قید کر دے گا
٭٭٭
کشمکش
چاہتی ہوں کہ
یہ شعلہ جو بھڑکتا ہے
مری سوچوں میں
اس کو اک بار
کم از کم اک بار
پوری شدت سے عیاں کر پاؤں
اس کی حدت میں تمازت میں
چھپے سارے سچ
بے خطر ہو کے اجاگر کر جاؤں
لیکن
ہر بار یہ کیوں ہوتا ہے
حرفِ ناکام مرے ہونٹوں سے
کاغذی پھول کی صورت میں ابھر آتا ہے
پھر ریاکار محبت کا بہانہ کر کے
جھوٹ کی گہری سیاہی میں
پگھل جاتا ہے
آتشیں گیت مرے دل میں ہی مر جاتا ہے
٭٭٭
بلا عنوان
.......میں تو
کاغذ ہوں ایک سادہ سا
جس پہ
دن رات اژدہوں سے قلم
حرف در حرف آگ اگلتے ہیں
بند سوچوں کی کند تحریریں
تن کے لاشہ پہ ثبت کرتے ہیں
اور مری روح بے اماں کر کے
پھیکے پھیکے سے رنگ بھر بھر کے
اپنی مٹھی سے پھر اچھالتے ہیں
اور تصویر کوئی بے معنی
میرے کاغذ پہ پھر ابھرتی ہے
روز کوئی شبیہ انجانی
کورا کاغذسیاہ کرتی ہے
مجھ کو یوں بے پناہ کرتی ہے
پر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کوئی حرف بھی نہیں میرا
سب کسی اور کی لکھاوٹ ہے
اور کاغذ میں آج بھی سادہ
بے نیاز اپنی ہی کہانی سے
بے خبر اپنے اختتام سے بھی
گھر بناتی ہوں ٹوٹ جاتی ہوں
سر پہ اک راستہ اٹھاتی ہوں
آج بھی دیکھ،
انتظار میں ہوں،
کچھ تو سپنوں کے بھی حصار میں ہوں
آج وہ ہاتھ کیا دکھائیں گے
جانے کیسی سزا سنائیں گے
جانے کس موڑ پہ قلم ان کا
میرے رنگوں کو خام کر دے گا
اور بےنام سی کہانی مری
جو کہ لکھی نہیں کبھی میں نے
وہ بھی رہ جائے گی ادھوری ہی
اور قصہ مرا ادھورا سا
یوں ہی رہ جائے گا بلا عنواں
٭٭٭
رخصتی
سن سکھی
آج رخصتی ہے مری
میرے گھر تجھ کو آج آنا ہے
مل کے سرگوشیاں کریں گے ہم
پھر بنا بات کھلھلائیں گے
تو مجھے گدگدا کے چھیڑے گی
اور میں شرما کے روٹھ جاؤں گی
دیکھ میرا سہاگ کا جوڑا
وہ جو اماں نے چند سالوں سے
اپنے ہاتھوں سے ٹانک کر اپنے
ٹین کے اس بڑے سے بکسے میں
سب سے نیچے سنبھال رکھا تھا
سرخ آنچل پہ جال تاروں کا
وہ جو دھندلا سا ہو چلا تھا ذرا
آج پھر سے دمک سا اٹھا ہے
ماں کے آنسو چمکتے ہیں اس میں
چادریں جو کہ میں نے کاڑھی تھیں
اور یہ سامان گھر گرہستی کا
وہ جو ہر فصل پر مرا بابا
شہر سے،سنگ ماں کے لاتا تھا
دیکھ سب کھل اٹھے ہیں ساتھ مرے
زیر لب مسکرا رہے ہیں سبھی
کسقدر مطمئن ہیں میری طرح
اب نہ اماں کبھی بھی روئے گی
جس کی امید، ناامیدی کے
اشک ہر بار ہی لٹاتی تھی
!!!!اور نہ بابا
یہ ناتواں میرا
آہ بھرتے ہوئے خموشی سے
اپنی پگڑی سے اشک پونچھے گا
کیونکہ ایسے پلوں میں میں نے خود
جیتے جی اس کو مرتے دیکھا ہے
آج میں کسقدر سکھی ہوں دیکھ
اے سکھی کاش میں بتا پاتی
جب سے بے جان یہ بدن میرا
جھولتا ہے لٹک کے پنکھے سے
کسقدر مطمئن ہوں آج سکھی
کاش میں تجھ کو یہ دکھا پاتی
آخری بار آج کیوں مر کے
ایسا لگتا ہے جی اٹھی ہوں میں
آ سکھی آج آخری اک بار مل کے سرگوشیاں کریں ہم تم ٭٭٭
ماخذ:
سیما نقوی کی کتاب چہرہ (فیس بک) پروفائل سے
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
بارش کا پہلا قطرہ
سیما نقوی امروہوی
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
عورت کہانی
یہ مانا میں بہت ہی
خوبصورت ہوں
یہ رعنائی یہ شوخی بانکپن جو
سبھی تم کو بڑا خوش رنگ
دل آویز لگتا ہے
یہ آنکھیں
مے کے دو پیا لے
کہ جو جھانکے
وہ اک پل میں
نشے میں چور ہو جائے
لچکتی ڈال سی با ہیں
کہ جن کو دیکھ کر
تم سا کوئی محصور ہو جائے
گھنیری زلف کے سائے
کہ جیسے رات در آئے
وہ لالی سرخ ہونٹوں کی
چرا لینے کو جی چاہے
چمکتا چاند سا چہرہ
کہ بس دل میں اتر جائے
یہ قامت سرو کہ جیسی
غزل جس پر کہی جائے
مگر اکثر
میں اب یہ سوچتی ہوں
کہیں اس ڈر سے
تم
یہ تو نہیں کہتے
کہ آدھی ہوں مگر
اک دن کہیں پوری نہ ہو جاؤں
کہیں اک دن
تمہارے قد سے بھی
اونچی نہ ہو جاؤں
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)