بجھی جاتی ہیں قندیلیں
مصطفیٰ زیدی
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
تعبیر
مجھے یقیں تھا کہ تم نہیں ہو
تھکے ہوے کھڑکیوں کے چہرے
جلی ہوئی آسماں کی رنگت
سیاہ آفاق تک بگولے
لہو کے آتش فشاں کی ساعت
وجود پر ایک بوجھ سا تھا
نہ صبح وعدہ نہ شام فرقت
اسی مہیب آتشیں گھڑی میں
کسی کی دستک سنی تو دل نے
کہا کہ صحرا کی چوٹ کھائے
کوئی غریب الدیار ہو گا
یہ سچ کہ دل کی ہر ایک دھڑکن
تمہارے درشن کے واسطے تھی
حیات کا ایک ایک لمحہ
تمہاری آہٹ کا منتظر تھا
مگر ایک ایسے دیار غم میں
جہاں کی ہر چیز خشمگیں ہو
مجھے یقیں تھا کہ تم نہیں ہو
2
زمین سکتے میں ہے کہ کیونکر
زمین پر ماہ تاب ابھرا
یہ آگ کیسے بنی شبستاں
کہاں سے آنکھوں کا خواب کا اترا
3
روایتوں کی ہزار صدیوں
سے بڑھ کے یہ لمحہ حسیں ہے
لہو میں پھولوں کے حاشئے ہیں
اداس کاسے میں انگبیں ہے
یہ تم ہو یہ ہونٹ ہیں یہ آنکھیں
مجھے یقیں ہے، مجھے یقیں ہے
٭٭٭
پہلا پتھر
صبا ہمارے رفیقوں سے جا کے یہ کہنا
بہ صَد تشکر و اخلاص و حسن و خو ش ادبی
کہ جو سلوک بھی ہم پر روا ہوا اس میں
نہ کو ئی رمز نہاں ہے نہ کوئی بوالعجبی
ہمارے واسطے یہ رات بھی مقدر تھی
کہ حرف آئے ستاروں پہ بے چراغی کا
لباس چاک پہ تہمت قبائے زریں کی
دل شکستہ پر الزام بد دماغی کا
صبا جو راہ میں دشمن ملیں تو فرما نا
کہ یہ تو کچھ نا کیا، ہو سکے تو اور کرے
کہ اپنے دست لہو رنگ پر نظر ڈالے
کہ اپنے دعوی ء معصومیت پہ غور کرے
حدیث ہے کہ اصولاً گنہگار نہ ہوں
گنہگار پہ پتھر سنبھالنے والے
اور اپنی آنکھ کے شہتیر پر نظر رکھیں
ہماری آنکھ سے کانٹے نکالنے والے
جس دن سے اپنا طرز فقیرانہ چھٹ گیا
شاہی تو مل گئی دل شاہانہ چھٹ گیا
کوئی تو غم گسار تھا، کوئی تو دوست تھا
اب کس کے پاس جائیں کہ ویرانہ چھٹ گیا
دنیا تمام چھٹ گئی پیمانے کے لیئے
وہ میکدے میں آئے تو پیمانہ چھٹ گیا
کیا تیز پا تھے دن کی تمازت کے قافلے
ہاتوں سے رشتۂ شب افسانہ چھٹ گیا
اک دن حساب ہو گا کہ دنیا کے واسطے
کن صاحبوں کا مسلک رندانہ چھٹ گیا
زمیں نئی تھی فلک نا شناس تھا جب ہم
تری گلی سے نکل کر سوئے زمانہ چلے
نظر جھکا کہ بہ اندازِ مجرمانہ چلے
چلے بَجیب دریدہ، بہ دامنِ صَد چاک
کہ جیسے جنسِ دل و جاں گنوا کے آئے ہیں
تمام نقدِ سیادت لٹا کہ آئے ہیں
جہاں اک عمر کٹی تھی اسی قلمرو میں
شناختوں کے لیئے ہر شاہراہ نے ٹوکا
ہر اک نگاہ کے نیزے نے راستہ روکا
جہاں جلے تھے ترے حسنِ آتشیں کے کنول
وہاں الاؤ تو کیا راکھ کا نشاں بھی نہ تھا
چراغ کشتۂ محفل دھواں دھواں بھی نہ تھا
مسافرت نے پکارا نئے افق کی طرف
اگر وفا کی شریعت کا یہ صلہ ہو گا
نئے افق سے تعارف کے بعد کیا ہو گا
پہلی محبت کے نام مصطفی زیدی
وقت سے کس کا کلیجہ ہے کہ ٹکرا جائے
وقت انسان کے ہر غم کی دوا ہوتا ہے
زندگی نام ہے احساس کی تبدیلی کا
صرف مر مر کے جیئے جانے سے کیا ہوتا ہے
تو غم دل کی روایات میں پابند نہ ہو
غم دل شعر و حکایت کے سوا کچھ بھی نہیں
یہ تری کم نظری ہے کہ تیری آنکھوں میں
ایک مجبور شکایت کے سوا کچھ بھی نہیں
ارتقاء کی نئی منزل پہ مصور کی نگاہ
اپنی تصویر کے انداز بدل جاتی ہے
زاویئے پاؤں کے ہر رقص میں ہو تے ہیں جدا
ہر نئے ساز پہ آواز بدل جاتی ہے
یہ مرا جرم نہیں ہے کہ جرس کے ہمراہ
میں نئی راہ گزاروں پہ نکل آیا ہوں
میرے معیار نے اک اور صنم ڈھال لیا
میں ذرا دور کے دھاروں پہ نکل آیا ہوں
پھر بھی تقدیر کو اس کھیل میں کیا لطف ملا
(تیرے نزدیک جو ہم معنیِ الزام بھی ہے)
آج جس سے مرے آنگن میں دیئے جلتے ہیں
تیری ہم شکل بھی ہے اور تیری ہم نام بھی ہے
دردِ دل بھی غمِ دوراں کے برابر سے اٹھا
آگ صحرا میں لگی اور دھواں گھر سے اٹھا
تابشِ حُسن بھی تھی آتشِ دنیا بھی مگر
شُعلہ جس نے مجھے پھُونکا، میرے اندر سے اُٹھا
کسی موسم کی فقیروں کو ضرورت نہ رہی
آگ بھی، ابر بھی، طوفان بھی ساغر سے اُٹھا
بے صَدف کتنے ہی دریاؤں سے کچھ بھی نہ ہوا
بوجھ قطرے کا تھا ایسا کہ سمندر سے اٹھا
چاند سے شکوہ بہ لب ہوں کہ سُلایا کیوں تھا
میں کہ خورشیدِ جہانتاب کی ٹھوکر سے اُٹھا ٭٭٭
سراب
ہر صدا ڈوب چکی قافلے والوں کے قدم
ریگ زاروں میں بگولوں کی طرح سو تے ہیں
دور تک پھیلی ہو ئی شام کا سناٹا ہے
اور میں ایک تھکے ہارے مسافر کی طرح
سو چتا ہوں کہ مآل سفر دل کیا ہے
کیوں خزف راہ میں خورشید سے لڑ جاتے لیں
تتلیاں اڑتی ہیں اور ان کو پکڑنے والے
یہی دیکھا ہے کہ اپنوں سے بچھڑ جاتے ہیں فرہاد
اس سے ملنا تو اس طرح کہنا:۔
تجھ س پہلے مری نگاہوں میں
کوئی روپ اس طرح نہ اترا تھا
تجھ سے آباد ہے خرابۂ دل
ورنہ میں کس قدر اکیلا تھا
تیرے ہونٹوں پہ کوہسار کی اوس
تیرے چہرے پہ دھوپ کا جادو
تیری سانسوں کی تھرتھراہٹ میں
کونپلوں کے کنوار کی خوشبو
وہ کہے گی کہ ان خطابوں سے
اور کس کس پہ جال ڈالے ہیں
تم یہ کہنا کہ پیش ساغر جم
اور سب مٹیوں کے پیالے ہیں
ایسا کرنا کہ احتیاط کہ ساتھ
اس کہ ہاتھوں سے ہات ٹکرانا
اور اگر ہو سکے تو آنکھوں میں
صِرف دو چار اشک بھر لانا
عشق میں اے مبصّرین کرام
یہ ہی تیکنیک کام آتی ہے
اور یہ ہی لے کے ڈوب جاتی ہے
٭٭٭
پیشہ
چھوڑو، میاں، یہ مشغلۂ شعر و شاعری
آؤ شکار کے لئے کُہسار کو چلیں
اِک مہہ جبیں کہ واسطے رونے سے فائدہ
تسکین قلب کے لئے بازار کو چلیں
ہاں جنّتِ نگاہ بھی ہو، رنگ و رقص بھی
بے شک کسی حسینہ کے دربار کو چلیں
ہاں تاج و تخت بھی ہو اک کیفیت مگر
میں کیسے اپنے فقر کا پندار چھوڑ دوں
کس طرح اپنے سائے کو خود سے جدا کروں
کیوں کر یہ طبع شاعر خُود دار چھوڑ دوں
دستار کیسے پھینک دوں ٹھوکر کے واسطے
میخانہ کیسے چھوڑ دوں دفتر کے واسطے
٭٭٭
دوری۔ ۔ ۔ ۔
پہلے تیری مُحبّتیں چُن کر
آرزو کے محل بناتے تھے
بے نیازانہ زیست کرتے تھے
صرف تجھ کو گلے لگاتے تھے
زندگی کی متاعِ سوزاں کو
تیری آواز لُوٹ جاتی تھی
تیرے ہونٹوں کی لے ابھرتے ہی
زخم کی تان ٹوٹ جاتی تھی
تو کنول تھی ایاغ تھی کیا تھی
روشنی کا سراغ تھی کیا تھی
میرا دل تھی دماغ تھی کیا تھی
ساری دنیا چراغ تھی کیا تھی
اور اب یا شراب پیتے ہیں
یا فلک کو دعائیں دیتے ہیں
تیرے خاوند کی معیّت میں
دور سے تجھ کو دیکھ لیتے ہیں
٭٭٭
شکایت
وہ تو کیا سب کے لئے فیصلہ دشوار نہیں
اک طرف برف کے ڈھیر اک طرف شعلہ طور
اک طرف ساعتِ شب اک طرف صبحِ نوید
اک طرف آگ کی رو ایک طرف حور و قصور
اک طرف لذّتِ ہر رنگ سو وہ بھی فوراً
اک طرف وعدۂ فردا سو وہ نزدیک نہ دور
اس کے اس طرزِ تغافل کی شکایت کیسی
ہاں مگر اس سے یہ ادنیٰ سی شکایت ہے ضرور
اک چرائے ہوئے ناپاک تبسّم کے عوض
اس نے بیچا ہے سلگتے ہوئے اشکوں کا غرور
٭٭٭
دُنیا
اک ہم ہی نہیں کُشتۂ رفتار زمانہ
یہ تندیِ رخش گُزَراں سب کے لئے ہے
رقّاصۂ طنّاز ہو یا بِسمل مجروح
اسبابِ دِل آویزیِ جاں سب کے لئے ہے
اک طرز تفکّر ہے ارسطو ہو کہ خیّام
دُنیائے معانی و بیاں سب کے لئے ہے
خاموش محبّت ہو کہ میدان کی للکار
محرومی گفتار و زباں سب کے لئے ہے
بستی ہو فقیروں کی کہ عِشرت گہِ کسریٰ
بُجھتی ہُوئی شمعوں کا دھُواں سب کے لئے ہے
دریُوزہ گر شہر ہو یا خُسرو آفاق
پندار فلاں ابن فلاں سب کے لئے ہے
٭٭٭
زخمِ سفر
ہزار راہِ مُغیلاں ہے کارواں کے لئے
لہو کا رنگ ہے تزئین داستاں کے لئے
قدم قدم پہ بڑی سختیاں ہیں جاں کے لئے
کئی فریب کے عِشوے ہیں امتحاں کے لئے
زمانہ یوں تو ہر اِک پر نظر نہیں کرتا قلم کی بے ادبی درگزر نہیں کرتا
قلم میں لرزش مژگاں، قلم میں رِشتۂ جاں
قَلم میں زمزمہ و رم، قلم میں شور و فغاں
قلم میں جشنِ عروسی، قلم میں بیوگیاں
قلم میں کوہ و بیاباں، قلم میں کاہکشاں
قلم میں حِلم بھی ہے ناز اور وقار بھی ہے
اذانِ صُبح بھی ہے، شامِ بادہ خوار بھی ہے
اِسی کے دم سے گھٹاؤں کے سُرمئی آنچل
اِسی سے ہونٹ بہاراں، اِسی سے آنکھ کنول
یہی کُلاہ کا ہیرا، یہی کسان کا ہَل
یہی ہے صُبح گُلِستاں، یہی شبِ مقتل
بغیر اِس کے رہِ سروری نہیں مِلتی کسی کو دولتِ پیغمبری نہیں مِلتی
چمن ہزار ہیں، لیکن گُلاب اِس کاہے
خُدا کا عرش ہے لیکن سَحاب اس کاہے
کبھی جو ڈھل نہ سکے وہ شباب اِس کاہے
ہر ایک عہد کی آنکھوں میں خواب اِس کاہے
دیارِ عشق میں مجروح و بے وطن یہ ہے حریمِ حسن میں خوشبوئے پیرہن یہ ہے
دِنوں میں ہَمہمۂ کارساز اِس کاہے
شبوں میں زمزمۂ دِل نواز اِس کاہے
بطُون میں ابَدیّت کے راز اِس کاہے
سرشک وقت کے ہیں اور گُداز اِس کاہے
مثال حضرتِ آدم گُناہ گار بھی ہے حریمِ عصمتِ مریم کا پَردہ دار بھی ہے
ہر اِک سے بے خبری بھی، ہر اک کا محرم بھی
شرر بسینہ بھی ہے اور لب بشبنم بھی
محلِّ زخم بھی ہے اور مَقامِ مرہم بھی
ہلالِ عید بھی ہے عَشرۂ مُحرّم بھی
بغاوتوں کے درخشاں عَلَم اُٹھائے ہُوئے
جگر کے طاق میں شمع مُبیں جلائے ہُوئے
قلم کی راہ میں جو آئے دِل کو مار کے آئے
شبِ دراز غمِ بے کراں گُزار کے آئے
گلے سے طوق زماں و مکاں اُتار کے آئے
بڑے بڑوں کو ببانگِ دُہل پُکار کے آئے
بہت جہاد طلب ہے رہِ وفا اِس کی کہ انتہائے جنوں سے ہے ابتدا اِس کی
اِدھر بلاؤں پہ جو مُسکرا سکے وُہ آئے
جو تاج و تخت پہ ٹھوکر لگا سکے وُہ آئے
جو آسمان کو نِیچا دِکھا سکے وُہ آئے
جو اپنے آپ سے آنکھیں لڑا سکے وہ آئے
ردائے زر کا نہیں جو کفن کا شیدا ہو
اِدھر وُہ آئے جو دار و رسن کا شیدا ہو
جسے خبر ہو کہ کس نے نقاب اُٹھائی ہے
یہ عہدِ گُرز ہے یا عصر مومیائی ہے
یہ عادِلی ہے کہ نمرود کی خدائی ہے
یہ خونِ دل ہے قلم میں کہ روشنائی ہے
جو نقش و رنگ سے آدابِ سادگی پُوچھے جو خُسرَوی سے مزاج جفا کشی پُوچھے
جو خِشتِ حرف سے دیوار و در بناتا ہو
نفس کے لوچ سے تیغ و تبر بناتا ہو
جو آندھیوں میں ستاروں کے گھر بناتا ہو
جو خود طلسمِ قضا و قدر بناتا ہو
جو ایک سانس میں طے راہِ کائنات کرے
خُدا سے بھی نہ سرِ حَشر، دب کے بات کرے
کہاں مقامِ سخن کہاں سیاستِ شب
کہاں یہ اشک کہاں تاجران جشن طَرب
کہاں رَجز کی بلندی کہاں سِلے ہُوئے لَب
کہاں زماں و مکاں اور کہاں عِراق و عرب
حُدودِ شام و سحر سے نکل گئے کچھ لوگ
ذرا سی دھوپ میں آ کر پگھل گئے کچھ لوگ
کسی نے دولتِ فانی کو دیوتا جانا
اَدب کو رزق کمانے کا مشغلا جانا
جگر کے خون کو رنگینیِ حنا جانا
بُتان ہیکل اوہام کو خُدا جانا
غمِ حیات کو بے مُدّعا بنا ڈالا ہُنر کو، کاسۂ دستِ گدا بنا ڈالا
اب ان میں ذہن کی بازی گری کے قصّے ہیں
عبائے اطلس و تاج زری کے قصّے ہیں
رئیس وقت کی پیغمبری کے قصّے ہیں
طِلِسمِ ہوشرُبا کی پری کے قصّے ہیں
دھُواں دھُواں ہے فَضا سِحرِ سامری کی طرح
ضعیف آنکھوں کی دھُندلی سی روشنی کی طرح
خُمِ شکستۂ تاج و نگیں کے چرچے ہیں
ادائے لیلیِ جنّت نشیں کے چرچے ہیں
مُجاہداتِ فریب آفریں کے چرچے ہیں
مُکاشفاتِ بُزرگان دیں کے چرچے ہیں
کوئی رکوع میں ہے خانقاہ کے آگے کوئی سجود میں ہے کج کُلاہ کے آگے
سُنو قلم کے مُہِمّات جاننے والو
دل حیات کے ضربات جاننے والو
مزاج ارض و سماوات جاننے والو
ادب کے جُملہ مقامات جاننے والو
تمھیں نہ صرف شبستاں میں جا کے لکھنا ہے
ہر ایک عہد کے زنداں میں جا کے لکھنا ہے
پلک ہی ایک حقیقت نہیں کمان بھی ہے
زمیں بھی ہے، فضا بھی ہے، آسمان بھی ہے
جو کاٹ دی ہے حکومت نے وہ زبان بھی ہے
حکومتوں پہ جو گزری وہ داستان بھی ہے
عتاب و لُطف و سزا و جزا کا قصّہ ہے رقم کرو کہ یہ قصّہ وفا کا قصّہ ہے
لکھو کہ تابع شاہی نہیں مزاج عوام
شکست کھا کے رہے گی چراغ سے ہر شام
ہر ایک عہد میں ہوں گے ہزار گُل اندام
ہر ایک عہد میں آئے گا عِشق پر الزام
جہاں بھی مطلع حق پر سحاب اُٹھے گا کسی قلم سے کوئی آفتاب اُٹھے گا ٭٭٭
انسان پیدا ہو گیا
سیّالِ ماہ تاب زَر افشاں کی دھوم ہے
بدلے ہوئے تصوّر ایماں کی دھوم ہے
اخلاق سے لطیف تر عصیاں کی دھوم ہے
اعلانِ سرفروشیِ رنداں کی دھوم ہے
باراں کے تذکرے ہیں بہاراں کی دھوم ہے
اب سرنگوں ہے کتنے بزرگانِ فن کی بات
اب پیش محکمات گریزاں ہیں ظَنّیات
اب محض سنگِ میل ہیں کل کے تبرّکات
مدّت سے اب کوئی عجوبہ نہ معجزات
دندان شکن حقیقتِ عُریاں کی دھوم ہے
اک بات آگہی کے لبوں سے نکل گئی
اوہام کی قدیم حکومت بدل گئی
فولاد کے بتوں کی روایت پگھل گئی !
اک جنبش نگاہ سے زنجیر گل گئی
زنداں میں طمطراقِ اسیراں کی دھوم ہے
٭٭٭
کہتے ہیں
آسماں گیر ہے زلفوں کا دھواں کہتے ہیں
جشن بردوش ہے فردوس رواں کہتے ہیں
آج انسان ہے میر دو جہاں کہتے ہیں
اب لچکتی نہیں کوشش سے بھی غلماں کی کمر
جل گئے حِدّتِ تحقیق سے اوہام کے پر
اَبَدی ہے یہ جہانِ گزراں کہتے ہیں
رہروو آگہی کی منزلِ عصر مسعود
جن کو کل لوگ سمجھتے تھے بتانِ معبود
اب اُنہیں ذہن کی آوارگیاں کہتے ہیں
٭٭٭
تخلیق
کتنے جاں سوز مراحل سے گذر کر ہم نے
اس قدر سلسلۂ سود و زیاں دیکھے ہیں
رات کٹتے ہی بکھرتے ہوئے تاروں کے کفن
جھُومتی صبح کے آنچل میں نہاں دیکھے ہیں
جاگتے ساز، دمکتے ہوئے نغموں کے قریب
چوٹ کھائی ہوئی قسمت کے سماں دیکھے ہیں
ڈوبنے والوں کے ہمراہ بھنور میں رہ کر !
دیکھنے والوں کے انداز بیاں دیکھے ہیں
مدتوں اپنے دلِ زار کا ماتم کر کے
خود سے بڑھ کر بھی کئی سوختہ جاں دیکھے ہیں
موت کو جن کے تصوّر سے پسینہ آ جائے
زیست کے دوش پہ وہ بار گراں دیکھے ہیں
تب کہیں جا کر ان اشعار کے گہوارے میں
اک بصیرت کے ہمکنے کے نشاں دیکھے ہیں
٭٭٭
روشنی
ترے حضور مرے ماہ و سال کی دیوی
میں ارض خاک کا پیغام لے کر آیا ہوں
جسے خرد کا مکمّل شعور پا نہ سکا
وہ قلبِ شاعر ناکام لے کے آیا ہوں
فریبِ عشرتِ معیار میرے پاس نہیں
غمِ حقائق ایاّم لے کے آیا ہوں !
بپھر رہے ہیں پرستار عالم ارواح
کہ حسن کشور اَجَام لے کے آیا ہوں
سمجھ سکے تو سمجھ لے کہ استعاروں میں
میں اپنی زیست کا ابہام لے کے آیا ہوں
نشیبِ ظلمتِ الحاد کو کھنگالا ہے
فروغ سینۂ الہام لے کے آیا ہوں
مری صدا میں دھڑکتا ہے کائنات کا دل
بہ طرز خاص غمِ عام لے کے آیا ہوں
گلی گلی مری آوارگی کے قصّے ہیں !
نفس نفس پہ اک الزام لے کے آیا ہوں
مری حیات کے گرتے ہوئے کگاروں کو
سنبھال لے کہ ترا نام لے کے آیا ہوں
٭٭٭
ایک شام
یوں تو لمحوں کے اس تسلسل میں
اب سے پہلے بھی عمر کٹتی تھی
موم بتی کی روشنی میں نظر
حافظے کے ورق الٹتی تھی
ریت کے سوگوار ٹیلوں پر
چاندنی رات بھر بھٹکتی تھی
آج لیکن تھکے ہوے دل پر
جسم کا تار تار بھاری ہے
شام کی دم بخود ہواؤں پر
صبح کا انتظار بھاری ہے
مقبروں سے اٹھی ہوئی آندھی
ٹہنیوں سے الجھ کے چلتی ہے
خشک پلکوں پہ آنسووں کی امید
پے بہ پے کروٹیں بدلتی ہے
ایک اک عکس سانس لیتا ہے
ایک اک یاد آنکھ ملتی ہے
جیسے صحرا میں سر جھکائے ہوئے
حاجیوں کی قطار چلتی ہے
زرد چنگاریوں کے دامن میں
یوں سلگتا ہے سرد آتش دان
جیسے بچوں کی بھوک کے آگے
ایک نادار باپ کا ایمان
دم بخود خامشی میں دھیرے سے
زرد پتے قدم اٹھاتے ہیں
یاد کے کارواں اندھیرے میں
خواب کی طرح سرسراتے ہیں
کھڑکیوں کے ڈرے ہوئے چہرے
اپنی آہٹ سے کانپ جاتے ہیں
دل کی قربان گاہ کے آگے
ایک ٹوٹا ہوا دیا بھی نہیں
کسی پیپل کے نرم سائے میں
کوئی پتھر کا دیوتا بھی نہیں
روح کے کاسۂ گدائی کو
چار ٹکڑوں کا آسرا بھی نہیں
لمبی چوڑی سڑک کے دامن پر
قمقمے سہمے سہمے چلتے ہیں
جیسے اکثر بڑے گھرانوں میں
فاقہ کش رشتہ دار پلتے ہیں
سوچتا ہوں کہ اس دیار سے دور
ایک ایسا بھی دیس ہے جس کی
رات تاروں میں سج کے آئے گی
صبح ہو گی تو گھر کے گوشوں میں
تیری معصوم مسکراہٹ کی
نرم سی دھوپ پھیل جائے گی
٭٭٭
غازی بنے رہے سبھی عالی بیان لوگ پہنچے سرِ صلیب فقط بے نشان لوگ
اخلاقیاتِ عشق میں شامل ہے یہ نیاز ہم ورنہ عادتاً ہیں بہت خود گمان لوگ
چھوٹی سی اک شراب کی دکان کی طرف گھر سے چلے ہیں سن کے عشاء کی اذان لوگ
دل اک دیارِ رونق وَرم ہے لٹا ہوا گزرے اس طرف سے کئی مہربان لوگ
اے دل انہی کے طرزِ تکلم سے ہوشیار اس شہر میں ملیں گے کئی بے زبان لوگ
آیا تھا کوئی شام سے واپس نہیں گیا
مُڑ مُڑ کے دیکھتے ہیں ہمارا مکان لوگ
ان سے جنہیں کنوئیں کے سوا کچھ خبر نہیں
مغرب کا طنز سنتے ہیں ہم نوجوان لوگ
٭٭٭
افتاد
اے آتشِ تبسم و اے شبنمِ جمال
خاموش آنسووں کی طرح جل رہے ہیں ہم
تجھ کو خبر نہ ہو گی کہ دانش کے باوجود
برسوں تیری خیال میں پاگل رہے ہیں ہم
ہر بزمِ رنگ و رقص میں شرکت کے ساتھ ساتھ
تنہا رہے ہیں اور سرِ مقتل رہے ہیں ہم
دیکھا ہے تو نے ہم کو بہاراں کے روپ میں
مجروح قافلے کی طرح چل رہے ہیں ہم
سب سے عزیز دوست کی خوشیوں کی راز دار
زخموں کی داستانِ مفصل رہے ہیں ہم
سب سے بڑے گناہ کی حسرت کے رو برو
تیرے لیے خلوصِ مسلسل رہے ہیں ہم
٭٭٭
چراغاں
تیری راہ پر ہم نے کلیاں بکھیری تھیں، تارے
سجائے تھے کیا کچھ کیا تھا
جو برسوں سے چاک و دریدہ چلا آ رہا تھا، وہ
اپنا گریباں سِیا تھا
نئے پھول مالی سے منگوائے تھے، بام و در پر نیا
رنگ و روغن کیا تھا
کتابیں سلیقے سے رکھ دیں تھی، بوتل ہٹا دی
تھی گھر میں چراغاں کیا تھا
اگر عِلم ہوتا کہ تو آج کی شب نہ آئے گی، تو
حسبِ معمول رہتے،
ترے غم کی مدھم سی آتش میں جلتے، مگر تجھ
سے دل کی حکایت نہ کہتے
نہ کہتے کہ اب اک رگ سے۔ اک ایک
مُوئے بدن سے دھواں اُٹھ رہا ہے
جو ٹھیرا تھا اپنی خودی کی سرائے میں وہ ضبط
کا کارواں اُٹھ رہا ہے
تجھے آج تک خط نہ لکھا تھا اور آج بھی ہی نہ
لکھتے کہ ہم مر رہے ہیں
نگاہوں سے سب کچھ بتاتے، اشارے سے کہتے
کہ دل کو لہو کر رہے ہیں
مگر تیری غفلت نے {شاید تیرے شیوۂ امتحاں نے }
یہ منزل دکھا دی
کہ تھم تھم کے آنسو نکلتے تھے پہلے، مگر آج تو
دل کی ندّی چڑھا دی
اُٹھے تھے کہ جشنِ چراغاں منائیں، مگر دل کے
سارے دیئے سو گئے ہیں
چلے تھے کہ دنیا کو رستہ دکھائیں، اور اب
جیسے جنگل میں خود کھو گئے ہیں
٭٭٭
سایہ
تمام شہر پہ آسیب سا مسلط ہے
دھُواں دھُواں ہیں دریچے ہوا نہیں آتی
ہر ایک سمت سے چیخیں سنائی دیتی ہیں
صدائے ہم نفس و آشنا نہیں آتی
گھنے درخت، درو بام، نغمہ و فانوس
تمام سحر و طلسمات و سایہ و کابوس
ہر ایک راہ پر آوازِ پائے نا معلوم
ہر ایک موڑ پہ ارواحِ زِشت و بد کا جلوس
سفید چاند کی اجلی قبائے سیمیں پر
سیاہ و سرد کفن کا گماں گزرتا ہے
فَضا کے تخت پہ چمگادڑوں کے حلقے ہیں
کوئی خلا کی گھنی رات سے اترتا ہے
تمام شہر پہ آسیب سا مسلط ہے
کوئی چراغ جلاؤ، کوئی حدیث پڑھو
کوئی چراغ بہ رنگِ عذارِ لالہ رخاں
کوئی حدیث باندازِ صدقۂ دل و جاں
کوئی کِرن پئے تزئینِ غُرفہ و محراب
کوئی نوا پئے درماندگاں و سوختہ جاں
سنا ہے عالمِ روحانیاں کے خانہ بدوش
سحر کی روشنیوں سے گریز کرتے ہیں
سحر نہیں ہے تو مشعل کا آسرا لاؤ
لبوں پہ دل کی سلگتی ہوئی دعا لاؤ
دلوں کے غسلِ طہارت کے واسطے جا کر
کہیں سے خونِ شہیدانِ نینوا لاؤ
ہر اک قبا پہ کثافت کے داغ گہرے ہیں
لہو کی بوند سے یہ پیرہن دھلیں تو دھلیں
ہوا چلے تو چلے بادباں کھلیں تو کھلیں
٭٭٭
کیا کیا نظر کو شوقِ ہوس دیکھنے میں تھا
دیکھا تو ہر جمال اسی آئینے میں تھا
قُلزم نے بڑ ھ کے چوم لئے پھول سے قدم
دریائے رنگ و نور ابھی راستے میں تھا
اِک موجِ خونِ خَلق تھی کس کی جبیں پہ تھی
اِک طوقِ فردِ جرم تھا، کس کے گلے میں تھا
اِک رشتۂ وفا تھا سو کس نا شناس سے
اِک درد حرزِ جاں تھا سو کس کے صلے میں تھا
صہبائے تند و تیز کی حدت کو کیا خبر
شیشے سے پوچھیے جو مزا ٹوٹنے میں تھا
کیا کیا رہے ہیں حرف و حکایت کے سلسلے
وہ کم سخن نہیں تھا مگر دیکھنے میں تھا
تائب تھے احتساب سے جب سارے بادہ کش
مجھ کو یہ افتخار کہ میں میکدے تھا
٭٭٭
اب جی حدودِ سود و زیاں سے گزر گیا اچھا وہی رہا جو جوانی میں مر گیا
پلکوں پہ آ کے رک سی گئی تھی ہر ایک موج
کل رو لیے تو آنکھ سے دریا اتر گیا
شامِ وطن کچھ اپنے شہیدوں کا ذکر کر جن کے لہو سے صبح کا چہرہ نکھر گیا
آ کر بہار کو تو جو کرنا تھا کر گئ الزام احتیاطِ گریباں کے سر گیا
زنجیرِ ماتمی ہے تم اے عاقلانِ شہر
اب کس کو پوچھتے ہو دِوانہ تو مر گیا
٭٭٭
دو راہہ
جاگ اے نرم نگاہی کے پراسرار سکوت
آج بیمار پہ یہ رات بہت بھاری ہے
جو خود اپنے ہی سلا سل میں گرفتار رہے
اُن خداؤں سے میرے غم کی دوا کیا ہو گی
سوچتے سوچتے تھک جائیں گے نیلے ساگر
جاگتے جاگتے سو جائے گا مدھم آکاش
اِس اچھلتی ہوئی شبنم کا ذرا سا قطرہ
کسی معصوم سے رخسار پہ جم جائے گا
ایک تارہ نظر آئے گا کسی چلمن میں
ایک آنسو کسی بستر پہ بکھر جائے گا
ہاں مگر تیرا یہ بیمار کدھر جائے گا
میں نے اک نظم میں لکھا تھا کہ اے روحِ وفا
چارہ سازی تیرے ناخن کی رہینِ منت
غم گساری تیری پلکوں کی روایات میں ہے
ایک چھوٹی سی ہی امیدِ طرب زار سہی
ایک جگنو کا اجالا میری برسات میں ہے
لذتِ عارض و لب، ساعتِ تکمیل وصال
میری تقدیر میں ہے اور تیرے ہاتھ میں ہے
دیر سے، کعبے سے، ادراک سے بھی اکتا کر
آج تک دل کو اجالے کی طلب ہوتی ہے
ایک دن آئے گا جب اور بھی عریاں ہو کر
آدمی جینے کو تھوڑی سی ضیا مانگے گا
گیت کے، پھول کے، اشعار کے، افسانوں کے
آج تک ہم نے بنائے ہیں کھلونے کتنے
یہ کھلو نے بھی نہ ہوتے تو ہمارا بچپن
سوچتا ہوں کہ گزرتا تو گزرتا کیسے
آدمی زیست کے سیلاب سے لڑتے لڑتے
بیچ منجدھار میں آتا تو ابھرتا کیسے
دیر سے روح پہ اک خوابِ گراں طاری ہے
آج بیمار پہ یہ رات بہت بھاری ہے
آج پھر دوشِ تمنا پہ ہے دل کا تابوت
جاگ اے نرم نگاہی کے مسیحانہ سکوت
ورنہ انسان کی فطرت کا تلّون مت پوچھ
اِس سِن و سال کا مغرور لڑکپن مت پوچھ
آدمی تیری اس افتاد سے بد دل ہو کر
اور دو چار خداؤں کے عَلم پوجے گا
اور اِک روز اس انداز سے بھی اکتا کر
اپنے بے نام خیالوں کے صنم پو جے گا
٭٭٭
نَفس کو فِکرِ جو ہر ہے جہاں میں ہوں سمندر ہی سمندر ہے جہاں میں ہوں
بجھی جاتی ہیں قندیلیں توہُم کی طلوعِ عقلِ خاور ہے جہاں میں ہوں
نظر آتی ہے اپنی ماہیت جس میں وہ آئینہ میسر ہے جہاں میں ہوں
اَزل کی بے نقابی او ر اَجل کی بھی سبھی امکاں کے اندر ہے جہاں میں ہوں
نہ کوہِ قاف کی پریوں کے جھرمٹ ہیں نہ غولِ دیو اژدر ہے جہاں میں ہوں
نہ سفاکی، نہ دلداری کی رسمیں ہیں نہ مرہم ہے نہ خنجر ہے جہاں میں ہوں
خد ا ہے اپنے نیلے آسمانوں میں زمیں ہے، خیر ہے، شَر ہے جہاں میں ہوں
قدم اُٹھتے ہیں نامعلوم سمتوں کو ہر اِک شے بے مقدر ہے جہاں میں ہوں
نَفس ہے تَشنگی کا دشتِ بے منزل نَفس ہی موجِ کوثر ہے جہاں میں ہوں
بدن کیا چیز ہے خود میرا سایہ بھی
مِرے سائے سے باہر ہے جہاں میں ہوں
٭٭٭
نذرِ داغ
اُمید و بیمِ دست و بازوئے قاتل میں رہتے ہیں
تمہارے چاہنے والے بڑی مشکل میں رہتے ہیں
نکل آ اب تو ان پردوں سے باہر، دُخترِ صحرا
کہ باہر کم ہیں وہ طوفان جو محمل میں رہتے ہیں
جنہیں دیکھا نہیں دنیا کی بے تعبیر آنکھوں نے
بہت سے لوگ ان خوابوں کے مستقبل میں رہتے ہیں
چلو افلاک کے زینوں پہ چڑھ کے عرش تک پہنچیں
کہ سید مصطفی زید ی اسی منزل میں رہتے ہیں
٭٭٭
نذرِ غالب
اس کشمکشِ ذہن کا حاصل نہیں کچھ اور انکار کو ٹھکرائے نہ، اقرار کو چاہے
مفرور طلب رات کو حاصل کرے بن باس مغرور بدن گرمیِ بازار کو چاہے
سنبھلے نہ خمِ زیست سے بوجھ آب و ہوا کا آسائشِ دنیا درو دیوار کو چاہے
آنکھیں روشِ دوست پہ بچھتی چلی جائیں
اور دوست کہ طبعِ سرِ خود دار کو چاہے
قوم ایسی کہ چلتے ہوے اشعار سے مانوس مضمون کے اس صورتِ دشوار کو چاہے
اک دل کہ بھرا آئے نہ سمجھے ہوے غم سے
اک شعر کہ پیرایہ ء اظہار کو چاہے
٭٭٭
حرفِ سادہ
معاشرانِ خراباتِ حرفِ سادۂ مئے زبانِ دل سے کبھی عارفانہ بھی سنتے
قتیلِ زمزمۂ وصلِ نالۂ ہجراں نوائے حسرتِ غیر عاشقانہ بھی سنتے
روایتِ ابدی پر یقین سے پہلے حقیقتِ اذلی کا ترانہ بھی سنتے
اس انتہائے جلال و جمال سے آگے خیال کا سبقِ ناصحانہ بھی سنتے
زکوٰۃ دل کبھی دیتا غرورِ کج کُلہی نکاتِ ذہن کبھی عاجزانہ بھی سنتے
یہ دوڑتی ہوئی راتیں، یہ بھاگتے ہوئے دن صدائے مسئلۂ جاودانہ بھی سنتے
حدیث کی روشِ عامیانہ سے ہٹ کر خِرد کا تذکرۂ عالمانہ بھی سنتے
یہ قِراتوں کے دھوئیں میں گھٹے ہوئے ماحول
ہوا کا زمزمۂ بیکرانہ بھی سنتے
سیاسیاتِ و تمدن کے ناز پروردہ صعوبتِ قفس و تازیانہ بھی سنتے
یہ قید و بند یہ تعزیر عام باتیں شکایتِ دل و جاں مشفقانہ بھی سنتے
سزا جزا کے عوض آدمی سے عرضِ حیات وفا جفا کی طرح دوستانہ بھی سنتے
مصاحبوں نے بہت کچھ جنہیں بتایا ہے زبانِ خلقِ خدا غائبانہ بھی سنتے
غرورِ عشق کو خوئے نیاز سے ملتے تعّلیوں کو مِری شاعرانہ بھی سنتے ٭٭٭
جب ہوا شب کو بدلتی ہوئی پہلو آئی مدتوں اپنے بدن سے تیری خوشبو آئی
میرے مکتوب کی تقدیر کے اشکوں سے دھُلا
میری آواز کی قسمت کہ تجھے چھو آئی
اپنے سینے پہ لِیے پھرتی ہیں ہر شخص کا بوجھ
اب تو ان راہ گزاروں میں میری خو آئی
یوں امڈ آئی کوئی یاد میری آنکھوں میں چاندنی جیسے نہانے کو لبِ جو آئی
ہاں، نمازوں کا اثر دیکھ لیا پچھلی رات
میں ادھر گھر سے گیا تھا کہ ادھر تو آئی
مژدہ اے دل کسی پہلو تو قرار آ ہی گیا
منزِلِ دار کٹی ساعتِ گیسو آئی
٭٭٭
میرے محبوب وطن کی گلیو!
میرے محبوب وطن کی گلیو!
تم کو اور اپنے دوستوں کو سلام
اپنے زخمی شباب کو تسلیم
اپنے بچپن کے قہقہوں کو سلام
عمر بھر کے لیے تمھارے پاس
رہ گئی ہے شگفتگی میری
آخری رات کے اداس دیو!
یاد ہے تم کو بے بسی میری؟
یاد ہے تم کو جب بھلائے تھے
عمر بھر کے کیے ہوئے وعدے
رسم و مذہب کی اک پجارن نے
ایک چاندی کے دیوتا کے لیے
جانے اس کارگاہِ ہستی میں
اس کو وہ دیوتا ملا کہ نہیں
میری کلیوں کا خون پی کے بھی
اس کا اپنا کنول کھلا کہ نہیں
سنا آج کل اس کے دامن میں
پیار کے رنگ ہیں کہ پیسے ہیں
تم کو معلوم ہو تو بتلانا
اس کے آنچل کے رنگ کیسے ہیں
مجھ کو آواز دو کہ صبح کی اوس
کیا مجھے ابھی یاد کرتی ہے؟
میرے گھر کی اداس چوکھٹ پر
کیا کبھی چاندنی اتری ہے؟
٭٭٭
چلے تو کٹ ہی جائے گا سفر آہستہ آہستہ
ہم اُن کے پاس جاتے ہیں مگر آہِستہ آہستہ
ابھی تاروں سے کھیلو، چاند کی کرنوں سے اٹھلاؤ
ملے گی اُس کے چہرے کی سحر آہستہ آہستہ
دریچوں کو تو دیکھو چِلمنوں کے راز کو سمجھو
اُٹھیں گے پردہ ہائے بام و در آہستہ آہستہ
زمانے بھر کی کیفیت سمٹ آئے گی ساغر میں
پِیو اِن انکھڑیوں کے نام پر آہستہ آہستہ
یونہی اِک روز اپنے دل کا قصّہ بھی سنا دینا
خطاب آہِستہ آہِستہ نظر آہستہ آہستہ
٭٭٭
شاعر
غمِ دوراں نے بھی سیک ہے غمِ جاناں کے چلن
وہی سوچی ہوئی چالیں وہی بے ساختہ پن
وہی اقرار میں انکار کے لاکھوں پہلو
وہی ہونٹوں پہ تبسم وہی ابرو پہ شکن
کس کو دیکھا ہے کہ پندارِ نظر کے با وصف
اِک لمحے کیلئے رک گئی دل کی دھڑکن
کونسی فصل میں اس بار ملے ہیں تجھ سے
ہم کو پرواہِ گریباں ہیں نہ فکرِ دامن
ایسی سُونی تو کبھی شامِ غریباں بھی نہ تھی
دل بجھے جاتے ہیں اے تیرگیِ صبحِ وطن
٭٭٭
یاد
رات اوڑھے ہوئے آئی ہے فقیروں کا لباس
چاند کشکولِ گدائی کی طرح نادم ہے
دل میں دہکے ہوئے ناسور لئے بیٹھا ہوں
یہی معصوم تصور جو ترا مجرم ہے
کون یہ وقت کے گھونگٹ سے بلاتا ہے مجھے
کس کے مخمور اشارے ہیں گھٹاؤں کے قریب
کون آیا ہے چڑھانے کو تمنّاؤں کے پھول
ان سلگتے ہوئے لمحوں کی چتاؤں کے قریب
وہ تو طوفان تھی، سیلاب نے پالا تھا اسے
اس کی مدہوش امنگوں کا فسوں کیا کہیے
تھرتھراتے ہوئے سیماب کی تفسیر بھی کیا
رقص کرتے ہوئے شعلے کا جنوں کیا کہیے
رقص اب ختم ہوا موت کی وادی میں مگر
کسی پائل کی صدا روح میں پایندہ ہے
چھپ گیا اپنے نہاں خانے میں سورج لیکن
دل میں سورج کی اک آوارہ کرن زندہ ہے
کون جانے کہ یہ آوارہ کرن بھی چھپ جائے
کون جانے کہ اِدھر دھند کا بادل نہ چھٹے
کس کو معلوم کہ پائل کی صدا بھی کھو جائے
کس کو معلوم کہ یہ رات بھی کاٹے نہ کٹے
زندگی نیند میں ڈوبے ہوئے مندر کی طرح
عہدِ رفتہ کے ہر اک بت کو لئے سوتی ہے
گھنٹیاں اب بھی مگر بجتی ہیں سینے کے قریب
اب بھی پچھلے کو، کئی بار سحر ہوتی ہے
٭٭٭
کتنے جانسوز مراحل سے گزر کر دل نے کس قدر سلسلۂ سود و زیاں دیکھے ہیں
ڈوبتی رات کے سہمے ہوئے کتنے تارے
جھومتی صبح کے آنچل میں یہاں دیکھے ہیں
ٹوٹتے ساز بکھرتے ہوئے نغموں کے قریب
چوٹ کھائی ہوئی قسمت کے نشاں دیکھے ہیں
جس سیاست کو تھا بیمار تفکّر سے عناد
اس کی قدروں میں تضادوں کے بیاں دیکھے ہیں
موت کو جس کے تصوّر سے پسینہ آ جائے
زیست کے دوش پہ وہ بار گراں دیکھے ہیں
وقت کے تند سمندر میں ہر اک دھارے نے
کتنے خنجر مری گردن پہ رواں دیکھے ہیں
پھر بھی اے حسن جنوں، کیف جنوں، جوش جنوں
کب مہ و سال نے یہ عزم جواں دیکھے ہیں
سابقہ کس سے پڑا ہے ابھی طوفانوں کو
ہاں ابھی موت نے انسان کہاں دیکھے ہیں
٭٭٭
الزام اسی پر ہے برہنہ بدنی کا جس شخص نے آغاز کیا بخیہ زَنی کا
خورشید نکالوں گا بہ ہر ضربتِ تیشہ دریا نہیں معیار مری کوہکنی کا
توڑوں گا سب اصنامِ غزل کعبۂ فن میں ورثے میں مجھے اذن ملا بت شکنی کا
اک میں ہی نمایاں ہوں سب آشفتہ سروں میں
سو حکم ہے میرے لئے گردن زدنی کا
ایسے میں بھی عثمان سزاوارِ سخن ہے
ہر چند کہ چرچہ ہے دریدہ دہنی کا
٭٭٭
تلاش
آج کیوں میرے شب و روز ہیں محروم ِ گداز
اے مری روح کے نغمے ، مرے دِل کی آواز
اک نہ اک غم ہے نشاطِ سحر و شام کے ساتھ
اور اس غم کا مفہوم نہ مقصد نہ جَواز
میں تو اقبال کی چوکھٹ سے بھی مایوس آیا
میرے اَشکوں کا مداوا نہ بدخشاں نہ حِجاز
چند لمحوں سے خواہش کہ دوامی بن جائیں
ایک مرکز پہ رہے سُرخ لہو کی ہَل چَل
کبھی ہر گام پہ ٹھوکر ، کبھی منزل کا حریف
اے جہانِ گزراں ایک سے انداز پہ چل
٭٭٭
تنہا
میں وہی قطرۂ بے بحر وہی دشت نورد
اپنے کاندھوں پہ اٹھائے ہوئے صحرا کا طلسم
اپنے سینے میں چھپائے ہوئے سیلاب کا درد
ٹوٹ کر رشتۂ تسبیح سے آ نکلا ہوں
دل کی دھڑکن میں برستے ہوئے لمحوں کا خروش
میری پلکوں پہ بگولوں کی اڑائی ہوئی گرد
لاکھ لہروں سے اٹھا ہے مری فطرت کا خمیر
لاکھ قلزم مرے سینے میں رواں رہتے ہیں
دن کو کرنیں مرے افکار کا منہ دھوتی ہیں
شب کو تارے مری جانب نگراں رہتے ہیں
میرے ماتھے پہ جھلکتا ہے ندامت بن کر
ابنِ مریم کا وہ جلوہ جو کلیسا میں نہیں
راندۂ موج بھی مَیں، مجرمِ ذرات بھی مَیں
میرا قصہ کسی افسانۂ دریا میں نہیں
میری تاریخ کسی صفحۂ صحرا میں نہیں
٭٭٭
تم ہنسو تو دن نکلے، چپ رہو تو راتیں ہیں
کس کا غم، کہاں کا غم، سب فضول باتیں ہیں
اے خلوص میں تجھ کو کس طرح بچاؤں گا
دشمنوں کی چالیں ہیں، ساتھیوں کی گھاتیں ہیں
تم پہ ہی نہیں موقوف، آج کل تو دنیا میں
زیست کے بھی مذہب ہیں، موت کی بھی ذاتیں ہیں
٭٭٭
ہر طرف انبساط ہے اے دل اور ترے گھر میں رات ہے اے دل
عشق ان ظالموں کی دنیا میں کتنی مظلوم ذات ہے اے دل
میری حالت کا پوچھنا ہی کیا سب ترا التفات ہے اے دل
اس طرح آنسوؤں کو ضائع نہ کر آنسوؤں میں حیات ہے اے دل
اور بیدار چل کہ یہ دنیا شاطروں کی بساط ہے اے دل
صرف اُس نے نہیں دیا مجھے سوز اس میں تیرا بھی ہاتھ ہے اے دل
مُندمل ہو نہ جائے زخمِ دروں یہ مری کائنات ہے اے دل
حُسن کا ایک وار سہہ نہ سکا ڈوب مرنے کی بات ہے اے دل ٭٭٭
یہ ایک بات کہ اُس بُت کی ہمسری بھی نہیں
مبالغہ بھی نہیں، محض شاعری بھی نہیں
ہم عاشقوں میں جو اک رسم ہے مروّت کی
تمھارے شہر میں از راہِ دلبری بھی نہیں
یہاں ہم اپنی تمنّا کے زخم کیا بیچیں؟
یہاں تو کوئی ستاروں کا جوہری بھی نہیں
کسی کا قُرب جو ملتا تو شعر کیوں کہتے
فسردہ حالی ء اربابِ فن بُری بھی نہیں
٭٭٭
سناٹا
آج پھر تم نے میرے دل میں جگایا ہے وہ خواب
میں نے جس خواب کو رو رو کے سلایا تھا ابھی
کیا ملا تمہیں انہیں پھر سے فروزاں کر کے
میں نے دہکے ہوئے شعلوں کو بجھایا تھا ابھی
میں نے کیا کچھ نہیں سوچا تھا کہ جان غزل
کہ میں اس شعر کو چاہوں گا، اسے پوجوں گا
اپنی ترسی ہوئی آغوش میں تارے بھر کے
قصر مہ تاب تو کیا عرش کو بھی چھُو لوں گا
تم نے تب وقت کو ہر زخم کا مرہم سمجھا
اور ناسور میرے دل میں چمکتے بھی رہے
لذت تشنہ لبی بھی مجھے شیشوں نے نہ دی
محفل عام میں تا دیر چھلکتے بھی رہے
اور اب جب نہ کوئی درد نہ حسرت نہ کسک
اک لرزتی ہوئی لو کو تہِ داماں نہ کرو
تیرگی اور بھی بڑھ جائے گی ویرانے کی
میری اُجڑی ہوئی دنیا میں چراغاں نہ کرو
٭٭٭
بزم میں باعثِ تاخیر ہوا کرتے تھے ہم کبھی تیرے عناں گیر ہوا کرتے تھے
اے کہ اب بھول گیا رنگِ حنا بھی تیرا خط کبھی خون سے تحریر ہوا کرتے تھے
سایۂ زلف میں ہر رات کو سو تاج محل میرے انفاس میں تعمیر ہوا کرتے تھے
ہجر کا لطف بھی باقی نہیں، اے موسِم عقل!
اُن دنوں نالۂ شب گیر ہوا کرتے تھے
اُن دنوں دشت نوردی میں مزا آتا تھا پاؤں میں حلقۂ زنجیر ہوا کرتے تھے
خواب میں تجھ سے ملاقات رہا کرتی تھی خواب شرمندۂ تعبیر ہوا کرتے تھے
وہ کہ احسان ہی احسان نظر آتا تھا
ہم کہ تقصیر ہی تقصیر ہوا کرتے تھے
٭٭٭
بزرگو، ناصحو، فرماں رواؤ ہمیں تو میکدے تک چھوڑ آؤ
امیرانہ بھی اس کوچے میں آؤ لب و رُخسار و مژگاں کے گداؤ
ابھرتی جا رہی ہے شمع کی لو بڑی نادان ہو، ٹھنڈی ہواؤ
ہزاروں راز عریاں ہو رہے ہیں گراؤ آنکھ پر، چلمن گراؤ
وہ مجھ سے اور میں اُن سے خفا ہوں ندیمو، آ کے دونوں کو مناؤ
نہ جانے ہم کہاں گم ہو چکے ہیں جو ممکن ہو تو ہم کو ڈھونڈ لاؤ ٭٭٭
تلاش
آج کیوں میرے شب و روز ہیں محروم ِ گداز
اے مری روح کے نغمے ، مرے دِل کی آواز
اک نہ اک غم ہے نشاطِ سحر و شام کے ساتھ
اور اس غم کا مفہوم نہ مقصد نہ جَواز
میں تو اقبال کی چوکھٹ سے بھی مایوس آیا
میرے اَشکوں کا مداوا نہ بدخشاں نہ حِجاز
چند لمحوں سے خواہش کہ دوامی بن جائیں
ایک مرکز پہ رہے سُرخ لہو کی ہَل چَل
کبھی ہر گام پہ ٹھوکر ، کبھی منزل کا حریف
اے جہانِ گزراں ایک سے انداز پہ چل
٭٭٭
کردار
خیال و خواب کی دنیا کے دل شکستہ دوست تری حیات مری زندگی کا خاکہ ہے
غم ِ نگار و غم ِ کائنات کے ہاتوں !
ترے لبوں پہ خموشی ہے،مجھ کو سَکتہ ہے
مری وفا بھی ہے زخمی تری وفا کی طرح یہ دل مگر وہی اک تابناک شعلہ ہے
ترا مزار ہے اینٹوں کا ایک نقشِ بلند مرا مزار مرا دل ہے ، میرا چہرہ ہے
جو زہر پی نہ سکا تو حیات سے ڈر کے
وہ زہر اَب بھی بدستور پی رہا ہوں میں
شدید کب میں تو نے تو خود کُشی کر لی
شدید تر غمِ ہستی میں جی رہا ہوں میں
٭٭٭
دل میں وہ درد نہاں ہے کہ بتائیں کس کو
ہاں اگر ہے تو کوئی محرمِ اَسرار سنے
خلوتِ ذہن کے ہر راز کی سرگوشی کو یہ نہ ہو جائے کہ بازار کا بازار سنے
نرمیِ رمز و کنایہ کا تقاضا یہ ہے پرتَوِ شاخ کہے، سایۂ دیوار سنے
ہونٹ ہلنے بھی نہ پائیں کہ معانی کھُل جائیں
لمحۂ شوق کہے، ساعتِ دیدار سنے
میں تو سو مرتبہ تیشے کی زباں سے کہہ دوں
تُو جو افسانۂ فرہاد بس اِک بار سنے
٭٭٭
نیا آذر
مری رفیق ِ طرب گاہ ، تیری آمد پر نئے سروں میں نئے گیت گائے تھے میں نے
نفس نفس میں جلا کر اُمید کے دیپک قدم قدم پہ ستارے بچھائے تھے میں نے
ہوا سے لوچ ، کَلی سے نکھار مانگا تھا ترے جمال کا چہرہ سنوارنے کے لئے
کنول کنول سے خریدی تھی حسرتِ دیدار نظر نظر کو جِگر میں اتارنے کے لئے
بہت سے گیت چھلکتے رہے اُفَق کے قریب بہت سے پھول برستے رہے فضاؤں میں
الجھ الجھ گئیں مجروح زیست کی گرہیں بکھر بکھر گئیں انگڑائیاں خلاؤں میں
میں پوچھتا ہوں کہ اے رنگ و نور کی دیوی
علاج ِ تیرہ شبی کیا اِسی کو کہتے ہیں!
بجھے بجھے سے یہ مفلس دیئے نہ جانے کیا
سُلگ سُلگ کے تری بےحسی کو کہتے ہیں
یہ گیت سر بگریباں ہیں تیرے جانے سے یہ تو عروس ستارے بڑھا رہے ہیں سہاگ
کلی کلی کو تری بےرخی کا شکوہ ہے نفس نفس سے نکلتی ہے ایک ایسی آگ
جسے بھجاؤں تو دل زمہریر ہو جائے ترا عظیم تصور حقیر ہو جائے ٭٭٭
روشنی، شہر آذر سے انتخاب
ٹائپنگ: علی فاروقی، عمر بنگش، شاہ حسین اور فرخ منظور اور دوسرے
http://www.urduweb.org/mehfil/forumdisplay.php?23-پسندیدہ-کلام&prefixid=mustafaِzaidi
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
بجھی جاتی ہیں قندیلیں
مصطفیٰ زیدی
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
پہلا پتھر
صبا ہمارے رفیقوں سے جا کے یہ کہنا
بہ صَد تشکر و اخلاص و حسن و خو ش ادبی
کہ جو سلوک بھی ہم پر روا ہوا اس میں
نہ کو ئی رمز نہاں ہے نہ کوئی بوالعجبی
ہمارے واسطے یہ رات بھی مقدر تھی
کہ حرف آئے ستاروں پہ بے چراغی کا
لباس چاک پہ تہمت قبائے زریں کی
دل شکستہ پر الزام بد دماغی کا
صبا جو راہ میں دشمن ملیں تو فرما نا
کہ یہ تو کچھ نا کیا، ہو سکے تو اور کرے
کہ اپنے دست لہو رنگ پر نظر ڈالے
کہ اپنے دعوی ء معصومیت پہ غور کرے
حدیث ہے کہ اصولاً گنہگار نہ ہوں
گنہگار پہ پتھر سنبھالنے والے
اور اپنی آنکھ کے شہتیر پر نظر رکھیں
ہماری آنکھ سے کانٹے نکالنے والے
جس دن سے اپنا طرز فقیرانہ چھٹ گیا
شاہی تو مل گئی دل شاہانہ چھٹ گیا
کوئی تو غم گسار تھا، کوئی تو دوست تھا
اب کس کے پاس جائیں کہ ویرانہ چھٹ گیا
دنیا تمام چھٹ گئی پیمانے کے لیئے
وہ میکدے میں آئے تو پیمانہ چھٹ گیا
کیا تیز پا تھے دن کی تمازت کے قافلے
ہاتوں سے رشتۂ شب افسانہ چھٹ گیا
اک دن حساب ہو گا کہ دنیا کے واسطے
کن صاحبوں کا مسلک رندانہ چھٹ گیا
زمیں نئی تھی فلک نا شناس تھا جب ہم
تری گلی سے نکل کر سوئے زمانہ چلے
نظر جھکا کہ بہ اندازِ مجرمانہ چلے
چلے بَجیب دریدہ، بہ دامنِ صَد چاک
کہ جیسے جنسِ دل و جاں گنوا کے آئے ہیں
تمام نقدِ سیادت لٹا کہ آئے ہیں
جہاں اک عمر کٹی تھی اسی قلمرو میں
شناختوں کے لیئے ہر شاہراہ نے ٹوکا
ہر اک نگاہ کے نیزے نے راستہ روکا
جہاں جلے تھے ترے حسنِ آتشیں کے کنول
وہاں الاؤ تو کیا راکھ کا نشاں بھی نہ تھا
چراغ کشتۂ محفل دھواں دھواں بھی نہ تھا
مسافرت نے پکارا نئے افق کی طرف
اگر وفا کی شریعت کا یہ صلہ ہو گا
نئے افق سے تعارف کے بعد کیا ہو گا
پہلی محبت کے نام مصطفی زیدی
وقت سے کس کا کلیجہ ہے کہ ٹکرا جائے
وقت انسان کے ہر غم کی دوا ہوتا ہے
زندگی نام ہے احساس کی تبدیلی کا
صرف مر مر کے جیئے جانے سے کیا ہوتا ہے
تو غم دل کی روایات میں پابند نہ ہو
غم دل شعر و حکایت کے سوا کچھ بھی نہیں
یہ تری کم نظری ہے کہ تیری آنکھوں میں
ایک مجبور شکایت کے سوا کچھ بھی نہیں
ارتقاء کی نئی منزل پہ مصور کی نگاہ
اپنی تصویر کے انداز بدل جاتی ہے
زاویئے پاؤں کے ہر رقص میں ہو تے ہیں جدا
ہر نئے ساز پہ آواز بدل جاتی ہے
یہ مرا جرم نہیں ہے کہ جرس کے ہمراہ
میں نئی راہ گزاروں پہ نکل آیا ہوں
میرے معیار نے اک اور صنم ڈھال لیا
میں ذرا دور کے دھاروں پہ نکل آیا ہوں
پھر بھی تقدیر کو اس کھیل میں کیا لطف ملا
(تیرے نزدیک جو ہم معنیِ الزام بھی ہے)
آج جس سے مرے آنگن میں دیئے جلتے ہیں
تیری ہم شکل بھی ہے اور تیری ہم نام بھی ہے
دردِ دل بھی غمِ دوراں کے برابر سے اٹھا
آگ صحرا میں لگی اور دھواں گھر سے اٹھا
تابشِ حُسن بھی تھی آتشِ دنیا بھی مگر
شُعلہ جس نے مجھے پھُونکا، میرے اندر سے اُٹھا
کسی موسم کی فقیروں کو ضرورت نہ رہی
آگ بھی، ابر بھی، طوفان بھی ساغر سے اُٹھا
بے صَدف کتنے ہی دریاؤں سے کچھ بھی نہ ہوا
بوجھ قطرے کا تھا ایسا کہ سمندر سے اٹھا
چاند سے شکوہ بہ لب ہوں کہ سُلایا کیوں تھا
میں کہ خورشیدِ جہانتاب کی ٹھوکر سے اُٹھا
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)