دین و مذہب

پاکستان میں مذہبی جماعتیں بے اثر کیوں ؟؟؟

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (10,394 الفاظ)

پاکستان میں مذہبی جماعتیں بے اثر کیوں ؟؟؟

محمد کامران اختر چیف ایڈیٹر ماہنامہ نوائے منزل لاہور

انتساب

میں اپنی یہ کاوش ان مظلوم کارکنوں کے نام کرتا ہوں جن کی لاشوں کو سیڑھیاں بنا کر لیڈر بلند منازل پر پہنچ گئے مگر انقلاب نہ آ سکا۔

حروف سپاس

پاکستان کا شمار ا ن ممالک میں ہوتا ہے جن میں جماعتوں کی کثرت ہے جماعت سازی کے آئینی حق سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے تا ہم Ground Realityمیں ذرہ برابر فرق محسوس نہیں ہوتا۔
خصوصاً مذہبی جماعتوں کی بھرمار اور مذہب مسلک کے نام پر بلیک میلنگ نے لوگو ں کو تنگ بھی کیا ہے اور مجموعی طور پر معاشرے کو بھی کمزور کیا ہے اکثر نو جوان پو چھتے ہیں کہ ہم کس جماعت کو جوائن کریں یا کس پیر صاحب کی بیعت کریں ؟
میرا مختصر جواب یہی ہے کہ اگر آ پ اپنا ایما ن اور اپنا مستقبل بچانا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھ جائیں نماز روزہ ادا کریں اور اپنے مستقبل کی فکر کریں آپ کے والدین اور اساتذہ آپ کے مرشد ہیں ۔
مشاہدے میں یہ بات آتی ہے کہ مذہب کے نام پر بننے والی اکثر جماعتیں جان اور ایمان کے ایسے ڈاکوؤں کے گروپ ہیں جو سادہ لوح مسلمانوں کی کھال کھینچ لیتے ہیں خون پی لیتے ہیں اور نیم مردہ جان حالت میں ظالم معاشرے میں پھینک دیتے ہیں اس حالت میں آ پ کے سامنے دو ہی راستے بچتے ہیں اوّل تو یہ کہ آپ ملنگ یا پیر فقیر کا روپ دھار کر اسی گروہ کا حصہ بن جائیں اور دوم یہ کہ معاشرے کے قدموں میں پڑے پڑے اپنی جان دے دیں ۔میرے خیال میں یہ جماعتیں ایسے لوگوں کے لیے مناسب ہیں جو خوشامد، مکاری اور منافقانہ چالبازیوں میں ماہر ہوں سچ تو یہ ہے کہ ایسے لوگ اگر کسی پیر سے جا ملیں تو جلد ہی خلافت عطا ہو جاتی ہے اور اگر کسی جماعت کا حصہ بن جائیں جلد ہی عہدہ یا مراعات مل جاتی ہیں جبکہ مخلص انسان یا تو ساری زندگی چندہ دیتا رہتا ہے یا پھر جوتیوں پر بیٹھا رہتا ہے اس صورت حال میں میں تو اس نتیجے پر پہنچا ہوں اگر آ پ کو کچھ کر گزرنے کا جنون ہو تو انفرادی حیثیت سے جدوجہد کریں یا پھر خود جماعت بنا لیں اگر دو چار مخلص افراد آ ملیں تو غنیمت ورنہ اتمام حجت ہی سہی۔ تا ہم جماعت کو اپنے پاؤں کی زنجیر بنا لینا چاہیئے نہ اس کے حجم میں اضافے کی فکر کرنی چاہیے بس اللہ تعالیٰ نے جتنی توفیق دی ہے اس کے مطابق دین کی خدمت ہونی چاہیے جن کی مقدار نہیں اخلا ص اہم ہے پیری مریدی کے حوالے سے بھی میرا تو یہی موقف ہے اگر آپ کو دین کا فہم عطا ہوا ہو اور آپ دوسروں کی رہبری کر سکتے ہیں تو لا زم ہے کہ آپ مسند ارشا د سنبھالیں اور ان مخلص مسلمانوں کو بچائیں جو مرشد کی جستجومیں جعلی پیروں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں علاوہ ازیں غلبہ و نفاذِ دین کے لیے تڑپ بھی ہر مسلمان کے لئے لازم ہے اور اہم بات یہ ہے کہ اسلام دنیا پر غالب ہونے کے لیے آیا ہے اور اگر آج ہم اسلام کو مغلوب حالت میں دیکھ رہے ہیں تو ہماری اور ہمارے مذہبی قائدین کی کمزوریاں ہیں اسلام کی نہیں ۔ یہی احساس دلانے کے لیے زیر نظر کتا بچہ تصنیف کیا گیا ہے یا د رہے کسی خاص جماعت یا شخصیت پر تنقید مقصود نہیں مقصد اپنے گریبان میں جھانکنے پر را غب کرنا ہے تا کہ ہم کمزوریوں پر قابو پا کر اسلام کی حقیقی معنوں میں خدمت کا فریضہ سر انجام دے سکیں ۔ یہ کتا بچہ جماعتوں کو عوامی نظر سے دیکھ کر لکھا گیا ہے اس میں کوئی اندرونی انکشافات یا ماہرانہ تجزیے پیش نہیں کیے گئے امید ہے جماعتوں کے قائدین و وابستگان اس کو مثبت نگاہ سے دیکھیں گے اور اپنی آراء اور رہنمائی سے بھی نوازیں گے۔
غلبہ اسلام کا منتظر
محمد کامران اختر
چیف ایڈیٹر ماہنامہ نوائے منزل لاہور7۱۔2۲۔012

تمہید

اسلام اجتماعیت کا دین ہے لوگو ں کے درمیان وحدت و اخوت کا داعی ہے اس لیے معاشرے میں جماعت سازی کی نہ صرف دعوت دیتا ہے بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے اسی طرح جمہوری معاشروں میں جماعت تشکیل دینا ہر شہری کا حق ہے تا ہم اس جماعت کے مقاصد غیر شرعی اور غیر قانونی نہیں ہونے چاہئیں دنیا میں دینی جماعتوں کا بہت اہم کردار ہے اس حوالے سے اخوان المسلمین، حزب اللہ اور طالبان یا القاعدہ کا نام قابل ذکر ہے ان جماعتوں نے نہ صرف اپنا لوہا منوایا اور جڑیں مضبوط کی ہیں بلکہ کچھ تو اقتدار کی کرسی تک رسائی حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئیں ۔
برصغیر پاک و ہند تحریکوں اور جماعتوں کے حوالے سے کافی زرخیز رہا ہے بے شمار تحریکیں اٹھیں جماعتیں بنیں ان میں سے اکثر تو ختم ہو گئیں اور کچھ جماعتیں اپنا وجود برقرار رکھنے کے علاوہ کوئی قابل ذکر کارنامہ انجام نہ دے سکیں ۔ ان جماعتوں کی ناکامی اور ان کے وجود کے مثبت اور منفی پہلوؤں کا ادراک حاصل کرنے کی غرض سے ہم تمام جماعتوں کو تین گروپوں میں تقسیم کریں گے۔

۱۔تبلیغی و اصلاحی جماعتیں
۲۔خانقاہی اصلاحی جماعتیں
-3اسلامی انقلابی جماعتیں

باب 1: تبلیغی و اصلاحی جماعتیں

بلاشبہ دنیا مین اسلام کی دعوت و تبلیغ کے ضمن میں ا س قسم کی جماعتوں نے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں بے شمار ایسے مبلغین پیدا ہوئے جنھوں نے اپنی پو ری پوری زندگیاں اس مشن میں صرف کر دیں شاید یہی وجہ ہے کہ قد رت نے مخلوق پر ہدایت کے دروازے کھول دیے اور پورے کے پورے معاشرے اور خا نوادے حلقہ بگوش اسلام ہونے لگے ان جماعتوں نے دنیا میں بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص بہت تیزی سے ترقی کی اور بے شمار لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا اور ا ن جماعتوں کو ایک محدود انداز سے دیکھا جائے تو ایک خاص دائرے کے اندر رہتے ہوئے انھوں نے مثالی ترقی کی اور اپنے مراکز کو وسعت اور مضبوطی عطا کی اس قسم کی تحریکوں کی کامیابی ایک راز یہ بھی ہے کہ ان کی سر گرمیاں پوراسال اور دن کے24گھنٹے جا ری رہتی ہیں حتٰی کہ ان کے کارکن اپنا گھر بار چھوڑ کر خود کو جماعت کے لیے وقف کر دیتے ہیں یہ جماعتیں افہام و تفہیم اور لچکدار پا لیسی پر عمل پیرا رہتی ہیں خود کو سیا ست کی پر خار وادی سے کوسوں دور رکھتی ہیں ۔ اگر چہ یہ جماعتیں معروفات کی ترغیب دیتی ہیں مگر منکرات کے معاملے میں معنی خیز سکوت پایا جاتا ہے اور اس خاموشی کو حکمت و بصیرت کے خوبصورت لبادے میں لپیٹ کر عوام کے سامنے رکھ دیا جا تا ہے اس رویے سے یوں محسوس ہوتا ہے کے قائدین کو جماعت کے مشن سے زیادہ جماعت کا وجود عزیز ہے اس قسم کی جماعتوں میں مولا نا الیاس کی تبلیغی جماعت اور مولا نا الیاس قادری کی دعوت اسلامی قابل ذکر ہیں جب ہم ان جماعتوں کے معاشرے میں کردار پر ناقدانہ نظر ڈالتے ہیں تو کچھ نکات سامنے آ تے ہیں جو ان جماعتوں کے بے اثر ہونے کا سبب بنے ہیں ۔

اسلام کا محدود تصور

یہ جماعتیں اسلام کا نہایت ہی محدود تصور پیش کرتی ہیں ان کے کا رکنوں کو صرف اور صرف چند منتخب فرائض سنن اور مستحبات تک محدود کر دیا جا تا ہے ان تمام فرائض کو صرف نظر کر دیا جا تا ہے جو حاکم وقت کی ناراضگی کا سبب بنتے ہوں یہی وجہ ہے کہ سارا زور نما ز روزہ جیسی عبادات پر دیا جا تا ہے جبکہ لباس اور وضع قطع کے معاملات میں اس قدر سختی کی جا تی ہے کے یوں لگتا ہے کہ جیسے اسلام، نماز اور روزے سے شروع ہو کر داڑھی پگڑی پر ختم ہو جا تا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک عام مسلما ن اخلاقی، سیاسی اور سماجی ذمہ داریوں سے نا بلد رہتا ہے اور اسی غفلت میں دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے۔ اسی غفلت سے اغیار نے بھرپور فائدہ اٹھا یا ہے اور آج سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت اور معاشرت پر عالم کفر کہ نشانات گہرے ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔
اگرچہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایک جماعت کیلئے مشکل ہے کہ وہ تبلیغ بھی کرے اور سیاسی اور سماجی ذمہ داریاں بھی نبھائے۔ یہ مشکلات اس وقت مزید بڑھ جاتی ہیں جب جماعتیں ریاست کے سامنے سچ بولنے کی جرات نہ رکھتی ہوں ۔ تاہم اتنا تو ممکن ہے کہ کارکنوں کو اتنا بتا دیا جائے کہ اسلام کا دائرہ چند عبادات تک محدود نہیں بلکہ ایک مسلمان خطہ ارضی پر اللہ کا نائب بھی ہے۔ اس حوالے سے بھی کارکن اپنی تعلیم و تربیت کا اہتمام کریں ۔ میرے خیال میں اس طرح یہ جماعتیں ریاستی اور عالمی جبر کا نشانہ بننے سے بھی بچ سکتی ہیں اور رب ذوالجلال کے سامنے سرخروبھی ہو سکتی ہیں ۔

سیاسی کردار میں غفلت

اسلام ایک سیاسی قوت بھی ہے۔ اسلام کو تمام ادیان پر غالب کرنے کا شرعی تصور سیاسیات سے ہی جڑا ہوا ہے۔ رسو ل اللہ ﷺ نے اپنی حیات ِ مقدسہ میں دین کی دعوت و تبلیغ کے ساتھ ساتھ سیاسی حکمت عملی وضع کرنا شروع کر دی تھی تاکہ اسلام کو اتھارٹی دلا کر پوری دنیا میں دعوت و تبلیغ کے لیے راہ ہموار کی جا سکے۔ ہجرت مدینہ اور ریاست مدینہ بھی اسلام کا سیاسی غلبہ ہی تھا۔ اس حوالے سے تفصیلی معلومات کے لیے راقم کا کتابچہ ’’سیاسیات اسلامی ‘‘ کا مطالعہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
ایسی جماعتوں کے کارکنوں سے سیاسی حوالے سے گفتگو کی جائے تو صاف محسوس ہوتا ہے کہ یہ لوگ سیاست کو کوئی ناپاک یا ممنوع عمل گردانتے ہیں ۔ اور کرپٹ نظام اور ظالم کی حکمرانی کو بخوشی قبول کرنے پر تیار ہیں یا اگر نرم الفاظ بھی استعمال کیے جائیں تو یوں کہا جا سکتا ہے کہ ان کے نزدیک حکومتی مشینری یا سیاسی چھتری کے نیچے انجام پانے والے منکرات کا جواب امت سے نہیں مانگا جائے گا۔ حالانکہ اس قسم کا کوئی بھی تصور شرعاً درست نہیں ہے۔
اگرچہ یہ پالیسی ان جماعتوں کے مفاد میں ہے مگر کارکنوں کو سیاست سے روک کر کرپٹ لوگوں کے لیے راہ ہموار کرنا یقیناً ایک شرعی جرم ہے۔ میرے خیال میں سیاسی بصیرت کو چھین کر کارکنوں پر ظلم کیا جاتا ہے۔ اس کے ازالے کیلئے قائدین کو کچھ کرنا چاہیے۔ تاکہ دعوت و تبلیغ کے نتیجے میں تیار ہونے والی فصل کا فائدہ جماعت کے ساتھ ساتھ اسلام کو بھی پہنچے اور اسلام بطور سیاسی طاقت اپنا لوہا منوائے۔

جداگانہ شناخت کا شوق

امت کے ساتھ گھل مل کر رہنا اور عام لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کرنا ایک داعی کا طرہ امتیاز ہوتا ہے۔ تاہم آج ہم دیکھتے ہیں کچھ جماعتیں اور خانقاہیں اپنے کارکنوں اور مریدوں کو مخصوص قسم کی ٹوپیاں ، پگڑیاں اور لباس اور جوتے پہننے کی ترغیب دیتی ہیں ۔ اور اپنے اسی مخصوص رنگ ڈھنگ کو عین اسلام قرار دیتی ہیں ۔ حالانکہ یہ صریحاً دھوکہ ہے۔ کیونکہ حضور ﷺ نے چند شرائط کے ساتھ رائج الوقت لباس ہی اپنایا تھا۔ مگر آج ایک کارکن سے اس کی معاشرتی شناخت چھین کر جماعت کی مرضی کے روپ میں ڈھال دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معاشرہ بہت تیزی سے تقسیم ہو رہا ہے۔ یہ تقسیم بالا خر انتشار اور معاشرتی بحران کو جنم دے سکتی ہے۔
اس سے قبل یہودی اور نصرانی معاشروں کی کوکھ سے سیکولر ازم اسی لیے جنم لے چکی ہے کہ انہوں نے دین کو عبادت گاہوں تک محدود کر دیا ہے اور دنیاوی امور کو دین سے جدا کر دیا۔ اس لحاظ سے وقت سے ڈرنا چاہیے جب خدانخواستہ مسلمان بھی مذہب پر عمل ایک خاص وضع کے حامل مسلمانوں کی وراثت سمجھنے لگیں ۔ اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ یہ جماعتیں عام مسلمانوں کے لیے بھی دین کے دروازے کھولیں اور اپنے کارکنوں کو کسی نئی دنیا کی منفرد مخلوق بننے سے بچا لیں ۔ کیونکہ ایک مسلمان کو فکری اور عملی طور پر مضبوط کرنا زیادہ ضروری ہے ناکہ ظاہری اور مباح امور میں الجھا کر اس کو معاشرے سے الگ کر لیا جائے

تعصب اور فرقہ واریت کا روگ

خود کو مذہب پسند یا دیندار سمجھنے والے لو گوں میں بد قسمتی سے تعصب اور فرقہ وارانہ تصورات زیادہ مضبوط ہیں ۔ اسلام جیسے لچکدار اور عالمگیر دین کو کسی خاص فرقے تک محدود کر دینا یقیناً ایک ظلم ہے۔ یہ المناک حقیقت ہے کہ ہمارے ہاں مذہبی جماعتوں میں سے کچھ گروپ اپنے کارکنوں کو دوسرے مسلم فرقوں سے ہاتھ تک ملانے سے روکتے ہیں ، دیگر مسالک کے علماء کے پیچھے نماز ادا کرنے سے منع کرتے ہیں اور دیگر مسلم فرقوں کو بد مذہب قرار دے کر ان کی تنظیمی اصطلاحات تک کو استعمال کرنے سے منع کیا جاتا ہے۔
اسی لیے جو شخص بظاہر مذہب سے جتنا قریب ہوتا چلا جاتا ہے، امت سے اتنا ہی کٹتا جاتا ہے۔ گویا حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ ہی حقوق العباد کی عدم ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ تعصب کی اس گہری دلدل میں دھنس کر بالآخر انسان اغیار کے لیے ایک تماشا بن کر ننگ مسلمانی کا روپ دھار لیتا ہے۔ تبلیغی اور اصلاحی جماعتیں اپنا اپنا نصاب بھی رکھتی ہیں ۔ اور اپنے کارکنوں کی اخلاقی تربیت کا دعویٰ بھی کرتی ہیں ۔ اخلاق سازی میں اکرام مسلم کا درس بھی دیا جاتا ہے جو اخلاق اور کردار سازی میں ایک قابل قدر کام ہے تاہم عملی طور پر تعصب کی آگ میں جلنے والے یہ لوگ اخلاق کی تمام تر حدود کو پامال کرتے ہوئے ایک دوسرے پر نہایت ہی گمرہ کن الزامات لگاتے ہیں ۔ ایک دلچسب حقیقت پیش نظر رکھنی چاہیے کہ اس طرح کی جماعتیں چونکہ ایک ہی مشن کی علمبردار ہیں ۔ اور یہ صرف مسلکی تعصب کی بنیاد پر ایک دوسرے کے متوازی چل رہی ہیں ۔ اس لیے ان میں بے شمار باتیں مشترکہ ہیں ۔ دوسری جماعت کو غلط ثابت کرنے کے لیے ان کو الزامات کے چناؤ میں اچھی خاصی مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔ تاہم جو بنیادی الزامات لگا کر اپنے مدمقابل مسلم بھائی کو بدنام کیا جاتا ہے وہ دو ہیں

گستاخی رسول ﷺ (نعوذ باللہ)

بدعات کا ارتکاب

یہ دونوں الزامات اس قدر شدید ہیں کہ ہمارے جیسے عام مسلمان کا دل دہل جاتا ہے۔ تاہم ہمارے یہ مبلغین دوسری جماعتوں کو نیچا دکھانے کے لیے ان الزامات کے بے دریغ تیر چلاتے ہیں ۔ ہو سکتا ہے اس انداز میں مذکورہ جماعتیں کچھ مفادات حاصل کرتی ہوں اور ان کو فائدہ بھی پہنچتا ہو مگر حقیقت میں اسلام کو اس سے بے پناہ نقصان پہنچا ہے۔
اول تو امت حقیقت کے معاملے میں کنفیوز ہو گئی۔ ایک عام مسلمان یا اسلام کی طرف راغب غیر مسلم یا نو مسلم اسلام کو سمجھنے میں قاصر ہے۔ اس طرح لوگ دین سے بیگانگی میں ہی امان سمجھنے لگے ہیں ۔
دوم رسول اللہ ﷺ کی گستاخی کی سزا موت سے کم نہیں ہے۔ گساخ جہاں ، جس حالت میں بھی ہو اس کو تہ تیغ کر دیے جانے کا فتوی موجود ہے۔
اگر خدانخواستہ ان جماعتوں کے الزامات کو تھوڑی دیر کے لیے درست مان لیا جائے تو ہمارے سامنے ایک ایسی اندھیر نگری کا نقشہ ابھر کر آئے گا جس میں کروڑوں مرتد گستاخ اور کروڑوں گمراہ بدعتی بستے ہیں ۔ اور باقی مسلمان ان مرتدوں کے خلاف جہاد نہ کرنے کی وجہ سے ایمان کی دولت کھو بیٹھے ہیں ۔ اور کوئی صاحب ایمان نہیں رہا۔ جبکہ حقیقت کی دنیا اس سے مختلف ہے۔ اس لیے لگتا یہی ہے کہ بحمد للہ ہم مسلمان ہیں دنیا میں اسلام ایک مانی ہوئی حقیقت ہے۔ ہمارے مبلغین ہی فکری طور پر خطا کھا رہے ہیں ۔ غیرت مسلم زندہ ہے اور رسول اللہ ﷺ کی ناموس اتنی سستی نہیں ہوئی کہ کروڑوں گستاخ ہمارے معاشرے میں آزادانہ گھومتے پھرتے ملیں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔
اس حوالے سے ایک اور پہلو بھی قابل ذکر ہے۔ وہ یہ کہ گستاخی کا اتنا ڈھنڈورا پیٹا گیا کہ عالم کفر کی خباثت میں ابھرنے کی جرات پیدا ہو گئی اور کافر سچ مچ رسو ل اللہ ﷺ کی ناموس کو چیلنج کرنے کی پوزیشن میں آ گئے۔ اس حوالے سے ان جماعتوں نے کمال ڈھٹائی کا مظاہرہ کر کے صدائے احتجاج تک بلند نہ کی وہیں اس موقف کو بھی تقویت پہنچائی کہ ان لوگوں کو ناموس رسالت سے زیادہ اپنی اپنی جماعتوں کو جمیعت کو بڑھانے میں دلچسپی ہے اور گستاخوں کے خلاف آنے والی تمام تر آوازیں صرف اور صرف جماعتوں کی مارکیٹنگ پالیسی کا حصہ ہیں اور عوامی جذبات کو کیش کرانے کی ناپاک اور خطرناک چال ہے۔
سوم یہ کہ بدعتی ہونے کے بے جا الزام نے اسلام کے عالمگیر، جدت پسند تشخص کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ اگرچہ بدعت ایک بہت بڑی قباحت ہے مگر تعصب میں آ کر ہر بات پر بدعت کے الزامات لگانا یقیناً ایک بہت بڑی زیادتی ہے اور دین کی مجددانہ حیثیت کا کھلے عام قتل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام پر تنگ نظری اور قدامت پرستی، شدت پسندی جیسے الزامات لگائے جانے لگے اور ان الزامات کے ثبوت میں ایسے ہی اسلام پسندوں کے بیانات اور افعال پیش کیے جاتے ہیں ۔
میرے خیال میں ان الزامات کی بنیاد میں علمی خلاء ہے۔ اسلام کے علماء پر لازم ہے کہ اس طرح کی اصطلاحات کی کھلی تعریفیں متعین کریں جن کے پردے میں دیگر مسلمانوں پر الزامات لگائے جاتے ہیں ۔ یعنی ان تمام امور اور کلمات کی فہرست مرتب کی جائے جو بدعت کے زمرے میں آتے ہیں ۔ اس طرح اسلام کو سمجھنے میں عام مسلمانوں کو آسانی رہے گی۔

جمود کا خاتمہ

ایک طویل عرصے تک یہ جماعتیں عجیب و غریب جمود کا شکار رہیں ۔ اپنے طرز تبلیغ کو منشائے خداوندی قرار دیتی رہیں ۔ تمام جدید ذرائع ابلاغ کو گمراہی تصور کرتی رہیں ۔ معاشرے کے جدید انقلابات کے خلاف لڑتی رہیں خصوصاً پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو مطلقا حرام قرار دیا جاتا رہا۔ اپنے کارکنوں کو ٹی وی وغیرہ جیسے دشمن کے خلاف جہا د کی ترغیبات دی جاتی رہیں ۔ المختصر ابلاغیات کے جدید ذرائع کے خلاف اس حد تک دشمنی مول لے لی گئی کہ واپسی کا راستہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ مگر ایک دلچسپ یو ٹرن دیکھنے میں آیا اور ایک بہت بڑے گروپ نے اپنے اس ازلی دشمن کو اپنے سینے سے لگا لیا۔ راتوں رات حرام امور حلال بن کر ابھرے اور مبلغین کے گھروں میں جگہ بنا لی۔ اب تقریباً دونوں بڑی تبلیغی جماعتوں کے قائدین بھر پور پروٹو کول سے اپنی تصاویر بنوا بھی لیتے ہیں اور ٹیلی ویژن کی سیکرین کے راستے لوگوں کے گھروں میں تشریف آوری سے بھی نہیں کتراتے۔
اگرچہ یہ ایک خوشگوار تبدیلی ہے۔ تاہم اس سے جماعتوں کا علمی کھوکھلا پن سامنے آگیا۔ قائدین کو پل بھر کیلئے سوچ لینا چاہیے کہ ان کی ترغیب پر جن لوگوں نے اپنے ٹی وی سیٹ توڑ ڈالے اور ٹی وی کی تباہ کاریوں پر چھپنے والے لٹریچر پر جو سرمایہ ضائع ہو ا اس کا جواب بھی ایک دن دینا ہو گا۔ تاہم ان فیصلوں سے ایک بات ضرور واضع ہو جاتی ہیں کہ بدلتی ہوئی دنیا کے ساتھ ساتھ اس طرح کی جماعتیں نہ صرف اپنا وجود کسی نہ کسی صورت میں قائم رکھنے میں کامیاب رہیں گی بلکہ یہ اپنا بھاری بھر کم حجم بھی برقرار رکھ سکیں گی۔
اگر ہم ان جماعتوں کے مستقبل کے حوالے سے تجزیہ پیش کرنا چاہیں تو اتنا ضرور کہیں گے تبلیغی جماعت اپنے مزاج میں خاصی تبدیلی کے موڈ میں نظر نہیں آتی۔ اسی لیے لگتا یہی ہے کہ یہ جماعت مستقبل میں اپنا یہی وجود برقرار رکھے گی۔ موجودہ مرکزی امیر جماعت حاجی عبدالوہاب صاحب آج بھی جماعت کو انہی خطوط پر چلا رہے ہیں جو ان کو وراثت میں ملا۔ اور امکان یہی ہے کہ ان کے جانشین بھی اس روایت کو قائم رکھیں گے۔ جبکہ دعوت اسلامی کا معاملہ مختلف ہے۔ اگرچہ یہ جماعت تبلیغی جماعت کے مقابلے میں اور اس کے اثرات زائل کرنے کیلئے تشکیل دی گئی۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کا مزاج تبدیل ہوتا چلا گیا۔ چونکہ اس جماعت میں مشن اور منشور سے زیادہ امیر جماعت کی وفاداری سکھائی جاتی ہے۔ اور ان ہی کی بیعت کی ترغیب دی جاتی ہے۔ اور انکے فرزند کو جماعت میں مقبول بنانے کے لیے بھی بھر پور کوشش کی جاتی ہے۔ اس لیے محسوس یہ ہوتا ہے کہ موجودہ دور میں جزوی طور پر اور اگلی جنریشن میں یہ جماعت مکمل طور پر ایک خانقاہی اور موروثی جماعت بن کر ابھرے گی۔ یوں خد شہ ہے کہ تبلیغی مشن پس منظر میں چلا جائیگا اور پیر ی مریدی کا رنگ غالب آجائے گا۔
اس حوالے سے کو شش صاف نظر آ رہی ہے۔ حتی کہ غلط طور پر دعوت اسلامی کے مرکزی امیر مولانا الیاس عطار قادری صاحب کو امیر اہلسنت اور بانی دعوت اسلامی کہا جانے لگا ہے۔ حالانکہ نہ تمام سنی انکی امارت کو مانتے ہیں اور نہ ہی وہ دعوت اسلامی کے بانی ہیں ۔ اس حوالے سے قائدین کو چاہیے کہ وہ اپنے دامن پر اس قسم کے جھوٹ کا داغ نہ ہی لگائیں تو بہتر ہے۔ کیونکہ تاریخ کی آنکھ میں دھول جھونکنا بہت مشکل ہے اور اللہ رب العزت کے سامنے جوابدہ بھی تو ہونا ہے۔

حقوق العباد کی عدم تربیت

دیکھنے میں آیا ہے کہ ان جماعتوں میں کارکنوں کو چند منتخب احکام خداوندی اور حقوق اللہ کی تربیت دی جاتی ہے۔ یہ تربیتی عمل حقوق اللہ سے شروع ہو کر حقوق اللہ پر ہی ختم ہو جاتا ہے۔ اگرچہ اکرام مسلم کے حوالے سے حقوق العباد کی بات بھی ضرور ہوتی ہے مگر بے شمار معاشرتی اور خاندانی احکامات ایسے بھی ہیں ۔ جن کو صرفِ نظر کر دیا جاتا ہے۔ کارکن خاندانی معاملات میں ماڈل نہیں بن پاتے۔ نہ ہی معاشرے کو اپنے اخلاق اور غیر معمولی کر دار کی وجہ سے متاثر نہیں کر پاتے جس کی وجہ سے عوام میں مذہبی طبقات کو پذیرائی نہیں مل سکتی۔
اصل معاملہ یہ ہے کہ جماعتیں اخلاقی روحانی تربیت سے قبل ہی ظاہری وضع قطع پر زور دینا شروع کر دیتی ہیں کیونکہ اس طرح ان کا کارکن جماعت کیلئے چلتا پھرتا اشتہار بن جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ داڑھی، پگڑی اور جماعت کا خصوصی یونیفارم پہنانے میں عجلت سے کام لیا جاتا ہے۔ اس عجلت کے نتیجے میں روحانی اور اخلاقی طور پر نا پختہ لوگ جب بظاہر مذہبی لبادے میں معاشرے میں داخل ہو جاتے ہیں تو دین کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں ۔ اس حوالے ضروری محسوس ہوتا ہے کہ جماعتیں کارکنوں کو معاشرتی اور خاندانی ذمہ داریوں سے بھی روشناس کرائیں تاکہ وہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی درست ادائیگی کے قابل ہو جائیں ۔

اہل علم و ادب کی قدر دانی

اہل علم کسی بھی معاشرے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ ا سلام نے بھی اہل علم کی نہ صرف مدح سرائی کی بلکہ ان کا ایک منفرد مقام بھی متعین کیا ہے اس حوالے سے ھل یستوی الذین یعلمون ولذین لا یعلمون جیسے فرامینِ قرآن موجود ہیں ۔ اس لحاظ سے تبلیغی جماعت میں قدرے جمود پایا جاتا ہے۔ ان کے علماء کارکن بھی پہلے دن سے لیکر زندگی کی آخری شام تک وہی فضائل اعمال کی تعلیم پاتے ہیں ان کی فقہ نماز وضو کے فرائض و سنن تک ہی محدود رہتی ہے۔
تزکیہ نفس اور بطور داعی تربیت کے حوالے سے علماء میں کسر نفسی پیدا کرنے کا یہ انمول موقع ہوتا ہے۔ مگر یہ بات طے ہے کہ علمی نقصان ضرور ہوتا ہے۔ جماعت کو اس پہلو پر بھی توجہ دینی چاہیے دعوت اسلامی کا کردار اس حوالے سے بہت مثبت ہے۔ دعوت میں علماء کو بہت پذیرائی ملتی ہے۔ ان کے علماء کو عام مبلغین سے منفرد مقام دیا جاتا ہے۔ اس علم دوست جماعت نے اپنے مدارس کا نیٹ ورک پورے پاکستا ن میں پھیلایا ہے۔ اور درسِ نظامی کے حوالے سے منظم اور معیاری ترین ماڈل امت کے سامنے پیش کیا ہے۔ اس جماعت میں علماء کو ان کے مرتبے کے مطابق پذیرائی بھی دی جاتی ہے۔ اور ان کے شایان شان ماحول بھی دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تصنیف و تالیف کے میدان میں جماعت کا مکتبۃ المدینہ اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ یقیناً اس جماعت نے علماء کی قدر کی اس کے ثمرات بھی سمیٹے ہیں اور ایک معیاری علمی تحقیقی سرمایہ امت کے سپرد کیا ہے۔ دوسری جماعتوں کو اس معاملے میں دعوت اسلامی کی پیروی کرنی چاہیے۔ مستند اور پوری امت کے لیے قابل قبول مواد کی تخلیق کے حوالے سے دعوت کو مزید محنت کرنا پڑے گی۔ کیونکہ بے شمار خوابوں اور خیالوں پر مبنی واقعات نے اس کی علمی وقعت کو داغدار کیا ہے۔ تاہم مجموعی طور پر اس جماعت نے علم دوستی کا ثبوت ضرور دیا ہے۔

معاشرتی فلاحی امور سے بیگانگی

معاشرے میں کسی بھی جماعت کے سرایت کرنے کے لیے معاشرتی خوشیوں اور دکھوں میں شرکت لازم ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے بھی خود کو خدمت خلق کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ دورِ حاضرہ کے مختلف مسائل نے افرادِ معاشرہ کو پراگندہ مزاج کر رکھا ہے۔ لوگ کسی مخلص اور ہمدرد کے انتظار میں رہتے ہیں ۔ مگر تبلیغی جماعتیں اس زاویے پر کوئی اجتماعی حکمت عملی وضع کرنے میں ناکام رہی ہیں ۔ اس خلاء کو پر کرنے کے لیے غیر ملکی NGOsنے بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ ان غیر ملکی فلاحی تنظیموں نے اپنے نظریات اور ثقافتی قباحتوں کو بھی اس معاشرے میں داخل کر دیا ہے۔ جو نہ صرف اسلام اور ہماری ثقافت کے لیے خطرناک ہیں بلکہ خود ان جماعتوں کے حوالے سے بھی منفی تاثر پیدا کرنے کا سبب بن رہی ہیں ۔
یہ حوصلہ افزاء حقیقت ہے کہ ان جماعتوں کے قائدین انفرادی اور غیر اعلانیہ انداز میں فلاحی خدمات کے لیے سر گرم نظر آتے ہیں مگر اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ یہ جماعتیں اجتماعی اور تنظیمی حوالے سے بھی اپنا لوہا منوائیں تاکہ معاشرے میں ان کے حوالے سے مثبت طرز فکر پروان چڑھ سکے اور دعوت و تبلیغ کے کام میں آسانی پیدا ہو سکے۔

باب 2: خانقاہی روحانی جماعتیں

خانقاہی نظام اسلام کا بہت مضبوط نظام رہا ہے۔ خصوصاً برصغیر میں اس نظام نے خوب جڑیں پکڑیں ۔ آج بھی اس نظام کے پردے میں بعض لو گ اپنے مقاصد حاصل کر رہے ہیں ۔ اگر خانقاہی نظام کی حقیقت کا تذکرہ چھیڑوں تویوں کہوں گا کہ اسلام کے مضبوط قلعے خانقاہیں تھیں ۔ جہاں سے ایمان کے چشمے پھوٹتے تھے۔ اہل شریعت و طریقت لوگ اس کے روح رواں تھے۔ یہاں پر خواہشات نفس کے خلاف اللہ ہو کی ضربیں لگتیں اور نفسانی خواہشات کے بت پاش پاش ہو جاتے۔ کفر زدہ آنکھیں بھی ایمان کے انوارات کو دیکھتیں تو دلوں کی دنیا بدل جاتی۔ اس نظام نے کافرانہ سازشوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا تھا۔ اور اسلام کو مشرق و مغرب میں پھیلا دیا۔
بزرگان دین نے موروثیت اور ملوکیت کے رد میں روحانی خلافت کا سلسلہ قائم کیا اور دنیا سے پردہ کرنے والے ایک بزرگ کی جگہ روحانی لحاظ سے مضبوط ترین مرید مسند ارشاد سنبھالتا۔مگر یہ سلسلہ وقت کے ساتھ ساتھ کمزور پڑتا چلا گیا۔ اور ہدایت کی مینار خانقاہیں بالآخر پیسہ کمانے کی انڈسٹری بن گئیں ۔ اور آج مجموعی طور پر یہ نظام موروثیت کے شکنجے میں آ کر تباہ ہو چکا ہے۔ اور خانقاہوں کے نام پر گمراہی اور دھوکے کے اڈے قائم ہو چکے ہیں ۔ جہاں نفس کے خلاف ضربیں نہیں بلکہ جہالت کا رقص ہوتا ہے۔ جہاں پر پیر ی مریدی نہیں ہوتی۔ انسانی جذبات کی خریدو فروخت ہوتی ہے۔ اور اس برہنہ بربریت کو لفظوں میں بیان کرنے کے لیے میرے پاس سچ مچ ہمت اور جرات نہیں ۔ لہذا میں سیدی و مرشدی حضرت اقبال ؒ کے کلمات کا سہارا لوگوں کا جنہوں نے فرمایا
ہم کو تو میسر نہیں مٹی کا دیا بھی
گھر پیر کا بجلی کے چراغوں سے ہے روشن
شہری ہو، دیہاتی ہو، مسلمان ہے سادہ
مانند بتاں بجتے ہیں ۔ کعبے کے برہمن
نذرانہ نہیں سود ہے پیران حرم کا
ہر خرقہ سالوس کے اندر ہے مہاجن
میراث میں آئی ہے، انہیں مسند ارشاد
زاغوں کے تصرف میں عقابوں کے نشیمن

اس نظام میں اگرچہ جماعت کی کوئی خاص خوبی پائی نہیں جاتی۔ نہ ہی کوئی عہدے اور آئین اور منشور ہوتا ہے تاہم شاید بدلتے وقت کے ساتھ ہمقدم ہونے کیلئے خود کو جماعت کے طور پر پیش کرنے کا رجحان پیدا ہو رہا ہے۔ اس لحاظ سے ہم اس نظام کو بطور جماعت بھی دیکھ سکتے ہیں ۔ اور بطور جماعت اس کے کردار پر گفتگو کر سکتے ہیں ۔
اب ہم اس نظام میں پائی جانے والی خصوصیات اور ان کی ناکامی کی وجوہات کا جائزہ لیں گے۔

اسلاف سے رو گردانی

اس نظام کے بانی اولیائے کرام نے جس انداز میں روحانی تعلیم و تربیت کا رنگ اپنایا تھا۔ آج اس کو بالکل چھوڑ دیا گیا ہے اور اس نظام کو کمرشلائز کر دیا گیا یہی وجہ ہے کہ اس پورے سیٹ اپ میں روحانیت کا عنصر ختم ہو گیا اور سیاسی چالبازیاں باقی رہ گئیں جن کا مقصد انسانوں کے پاکیزہ جذبات کو کیش کر اکے ان کے گلے میں روحانیت کے نام پر غلامی کے طوق پہنا دینا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بزرگوں کی قائم کردہ خانقاہیں تو باقی ہیں لیکن وہ فیض باقی نہیں رہا

موروثیت
موروثیت اور میرٹ سے انحراف ایک ایسی غلطی تھی جس نے اس پورے سسٹم کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ ایک پیر کی وفات کے بعد اس کی مسند کا وارث اس کا بیٹا ہی بنتا ہے۔ چاہے اس بیٹے کو دین سے کوئی دلچسپی نہ ہو اور وہ پرلے درجے کا فاسق و فاجر ہی کیوں نہ ہو۔ اس حوالے سے امت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا اور کوئی نہ کوئی ایسی تحریک ضرور جنم لینی چاہیے تھی جو اس نا پاک روایت کی جڑیں اکھاڑ پھینکتی مگر ایسا کچھ نہ ہوا اور آج یہ غلط طریقہ رائج ہو چکا ہے۔ اس لیے اس کو ختم کرنا بہت ہی مشکل ہو چکا ہے۔

بے پناہ جہالت
ہماری خانقاہیں آج جہالت کی آماجگاہ بن چکی ہیں ۔ اور نہایت دکھ اور شرمندگی سے اس حقیقت کا اعتراف کرنا پڑ رہا ہے کہ جو مسلمان جہالت کے جتنے گہرے گڑھے میں گرا ہو ا ہوتا ہے اور شریعت کا جتنا بڑا منکر اور باغی ہوتا ہے اس کو اتنا ہی بڑا ولی سمجھا جاتا ہے۔ ا ور اپنے مخصوص انداز میں علم اور علماء کو نہ صرف تضحیک کا نشانہ بنایا جاتا ہے بلکہ باقاعدہ اہل شریعت کی مذمت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
اس صورتحال نے اسلام کے تشخص کو بے حد مجروح کیا ہے جو مسلمان دورِ فتن میں ہدایت کی تلاش میں کسی خانقاہ کا رخ کرتے ہیں ان کو یا تو بد دل ہو کر واپس پلٹنا پڑتا ہے، مارے عقیدت کے جہالت کے اسی گڑھے میں اوندھے منہ کودنا پڑتا ہے جہاں پیر صاحب کا حکم کسی بھی شریعت و طریقت کا محتاج نہیں ہوتا۔ جہاں پر ادب کے نام پر انسانوں کو بلیک میل کر کے جاہلانہ امور میں پیروں کی اندھی تقلید کا درس دیا جاتا ہے۔
حقیقت تو یہ ہے کہ اس صورتحال میں انسان جہالت و گمراہی کی ایسی وادی میں گم ہو جاتا ہے جہاں وہ جنت میں خوش فہمی میں چلتے چلتے دوزخ کے کنارے جا پہنچتا ہے۔
ادب یا ذہنی غلامی : اسلام نے اپنے ماننے والوں کو عقائد و عبادات کے ساتھ معاشرتی زندگی میں بھی تہذیب اور شائستگی سے روشناس کرایا ہے۔ بڑوں کا احترام اور چھوٹوں سے شفقت کا درس دیا ہے۔ تاہم اسلام کے ان سنہری اصولوں کی آڑ میں امت کو شخصی غلامی میں دے دینا ظلم ہے۔
پیری مرید ی کے معاملات میں عموماً مریدوں کو نام نہاد پیروں کا غلام بنا دیا جاتا ہے۔یہ غلامی اس قدر گہری ہوتی ہے کہ اس سے نجات حاصل کرنے کی سوچ بھی جرم تصور ہوتی ہے۔ عیش پر ست آزاد منش پیر کے قدموں میں پڑ ا مرید صرف پیر کی ہر جائز و نا جائز بات پر سر تسلیم خم کرنے کے علاوہ اور کوئی حق نہیں رکھتا۔ اس قسم کا کردار نہایت ہی خطر ناک ہے۔ میرے خیال میں مرید اگرچہ خود کو بیعت کے ذریعے پیر کے ہاتھوں فروخت کر چکا ہوتا ہے تاہم اسے اپنے حقوق اور معاملات شریعت پر گفت و شنید کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ نیز ہمیں ادب و احترام کی بھی کوئی تعریف متعین کرنی چاہیے۔اور واضح کر نا کرنا چاہیے کہ کیا صرف پیر کے قدموں پر بیٹھنے اور ہاتھ پاؤ ں چومنے کا نام اور ہر جائز و نا جائز عمل کی تصدیق کرنے کا نام ادب ہے یا امور خیر میں احکامات پر عمل کرنے کا نام ادب ہے۔

ملنگ کلچر کی نحوست

خانقاہوں نے بہت عظیم الشان اولیاء اور مجاہدین پیدا کیے، مگر آج کے اس نظام کی واحد پراڈکٹ ملنگ ہیں ۔
دراصل ملنگ ایسی شخصیت کو قرار دے دیا جاتا ہے، جو اپنی سیاہ کاریوں کو چھپانے کی کوشش کر کے شریعت کے ساتھ ساتھ انسانی عظمت کو بھی پامال کرتا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ جس طرح آج کل کے سجادہ نشین گزشتہ اولیاء کی ایکٹنگ کرتے ہیں ۔ اسی طرح مجذوب لوگوں کی ایکٹنگ موجودہ ملنگ کرتے ہیں ۔ مجذوب تو ایسی شخصیات تھے جو شریعت اور طریقت کی تمام منازل طے کرنے بعد اللہ تعالیٰ کی محبت میں اپنے ہو ش و حواس بظاہر کھو بیٹھتے تھے اور کیفیات جذب میں وہ امور شریعہ سے آزاد قرار دے دیے جاتے تھے جو اس حالت میں اپنی جان بھی دے دینے کیلئے تیار ہوتے تھے مگر دیکھنے میں آیا ہے کہ اس دور میں جرائم پیشہ لوگ خانقاہوں کا رخ کرتے ہیں ، اپنی شناخت چھپانے کے لیے ملنگ کا روپ دھارتے ہیں اور بالا خر اسی حالت میں مفت خوری کے عادی ہو کر خانقاہوں پہ ہی زندگی گزار دیتے ہیں مگر اتنا ضرور کہوں گا کہ یہ ملنگ بہت چالاک ہوتے ہیں ۔ کھانے پینے کے معاملے میں اور ہدیے نذرانے بٹورنے کیلئے ہو ش میں آ جاتے ہیں جبکہ امور شریعہ کی انجام دہی کے وقت کیفیت ملنگی میں غرق ہو جاتے ہیں ۔

فرقہ واریت کا روگ

زیرِ بحث نظام میں بھی فرقہ واریت کو ٹ کوٹ کر بھری ہوتی ہے۔ خصوصاً جب اس نظام کی خامیوں پر کوئی انگلی اٹھائے تو فورا وہابیت کا فتویٰ سننے کو ملتا ہے۔ علاوہ ازیں جاہل پیر اور ان کے جاہل عقیدت مند فرقہ واریت کے عظیم مبلغ ہوتے ہیں اور اکثر خانقاہوں پر کفر، نفس، شیطان اور دیگر گناہوں کی مذمت نہیں ہوتی۔ بلکہ صرف دیگر مسالک کی مذمت کی جاتی ہے دوسروں کو بے ادب اور گستاخ کھلے عام کہا جاتا ہے۔ یہ صورت حال بہت خطرناک ہے اور ایک معاشرتی بگاڑ کا بنیادی سبب بھی ہے۔ اگر اس نظام میں ہزاروں خامیاں بھی ہوں تو ان کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے مگر عام مسلمانوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے اور مسلمانوں کو ایکدوسرے سے متنفر کرنے کی پالیسی قطعاً درست نہیں ہے۔ اس حوالے سے مسلمانوں کو کوئی نہ کوئی موثر لائحہ عمل طے کر نا چاہیے یا پھر ان جماعتوں کا ساتھ دینا چاہیے جو فرقہ واریت کے خلاف برسر پیکار ہیں ۔

روحانی تربیت کا فقدان

اولیاء اللہ ایک آدمی کا تعلق اللہ تعالیٰ کے ساتھ جوڑنے کے لیے اذکار و اعمال کا ایک مخصوص کورس کرایا کرتے تھے۔ جس کی تکمیل پر انسان روحانی بیماریوں اور اعمال کی خرابیوں سے نکلتا چلا جاتا تھا۔ جب انسان کے اندر کی دنیا پاکیزگی حاصل کر لیتی تو اس کے افکار و اعمال کی اصلاح ہو جاتی تھی
انسان کی فطری کمزوریوں پر کسی حد تک قابو پایا جا چکا ہوتا تھا۔ اور بندے اور رب کے درمیان ایک مضبوط رشتہ استوار ہو جاتا تھا۔ من کی صفائی اور اعمال کی اصلاح کے نتیجے میں مخلوقات کون و مکان بندہ مومن کے زیرِ نگین ہو جاتی تھی۔چہرے پر نورانیت اور کشش پیدا ہو جاتی تھی اور یوں معاشرے میں ایسے صالحین کی پیداوار ہوتی تھی جو دلوں میں انقلاب برپا کر دیتے تھے۔ جن کی ایک جنبش ابرو پر نظام کائنات میں تغیر رونما ہو جاتا تھا۔ جن کو مخلوق کی محتاجی نہ رہتی تھی۔ آج خانقاہوں میں لوگوں کو نہ تو وہ روحانی منازل طے کرائی جاتی ہیں اور نہ ہی ایک مومن کی تیاری کے لیے کوئی خاص تربیت دی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ اپنے پیر صاحب کے قدموں میں پوری کی پوری زندگیاں لگا دیتے ہیں مگر افکار و اعمال میں ذرہ برابر تبدیلی رونما نہیں ہوتی۔ میرے خیال میں آستانوں اور خانقاہوں کے سجادہ نشین اس بات سے بے خبر ہیں کہ ان کے قدموں میں حاضر ہونے والے طالب ہدایت مسلمانوں کا قرض انہی پیروں کے کاندھے پر واجب ہے۔ اور روز قیامت انہیں اپنے رب کے حضور جواب بھی دینا ہے۔

تعداد کی تمنا

بعض مجالس میں بہت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آتی ہے کہ جب پیر صاحب لوگوں کو بیعت کر رہے ہوتے ہیں ۔ اعلان کیا جاتا ہے کہ جو لوگ حضرت کے بیعت ہونا چاہتے ہیں وہ ہاتھ کھڑا کر کے فلاں فلاں کلمات دہرائیں اور اس کے ساتھ ایک آدھ رسم اور ادا کر کے ایک عام مسلمان کو پیر صاحب کی مریدی کے بندھن میں باندھ دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد نہ پیر صاحب مرید کا حال پوچھتے ہیں ۔ نہ مرید پیر صاحب کے پاس حاضر ہو کر اصلاح احوال کا طالب ہو تا ہے۔
اس صورتحال میں بے دریغ لوگوں کو مرید بنائے جانے میں سوائے پیر صاحب کے مریدوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ کسی کے ہاتھ بیعت ہونے کا مقصد اپنے شیخ طریقت سے اصلاح لینا اور اپنی روحانی بیماریوں کا حل تلاش کرنا ہوتا ہے۔ اگر یہ مقصد ہی حاصل نہ ہو تو پیر صاحب کی پیری اور مرید بیچارے کی مریدی چہ معنی دارد ؟
سوائے اس کے ایک خانقاہ کے چکر لگانے اور چندہ دینے والوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

معاشی استحصال

اس سسٹم میں ایک بہت بڑی قباحت جو پیدا ہوئی ہے وہ غریب مرید کا معاشی استحصال ہے۔ ایک غریب مزدور جو مشکل سے بچوں کی روٹی کماتا ہے۔ عموماً اسے مذہبی بلیک میلنگ کا نشانہ بنا کر چندہ بٹورا جاتا ہے۔ اگر کوئی چندہ نہیں دے پاتا تو اسے خانقاہ میں وہ مقام حاصل نہیں ہو سکتا جو بڑی مقدار میں چندہ دینے والے شخص کو ہوتا ہے چاہے وہ شخص فاسق و فاجر ہی کیوں نہ ہو۔
علاوہ ازیں معاشرے سے جو پیسہ اکھٹا کر کے خانقاہ میں لنگر یا میلوں پر لٹایا جاتا ہے اور پیروں کی تن آسانی اور عیاشیوں پر خرچ ہوتا ہے یقیناً وہ دولت غریب کے خون پسینے کا نچوڑ ہوتی ہے جو شرعاً معاشرے کے غریب طبقات تک پہنچنی چاہیے مگر آج ان اولیاء کے نائبین جو اولیاء اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوا لقمہ غریب کے منہ میں دے دیتے تھے وہ آج غریب کا پیٹ کاٹ کر عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ اور اس کے جواز کے طور پر کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں کھلا پلا رہا ہے۔
اگر ایسی بات ہوتی تو ایک ڈاکو ڈکیتی کرنے کے بعد ڈکار مارے اور کہے کہ مجھے تو اللہ تعالیٰ نے کھلایا۔ اس لحاظ سے ہماری مذہبی قیادت اور خانقاہی قیادت کو سوچناچاہیے۔

جھوٹی کرامات کے قصے کہانیاں

روحانی جماعتیں اور ان کے مریدین جو تبلیغ کے نام پر اپنے پیروں اور پیر خانوں کی مارکیٹنگ کا فریضہ سر انجام دے رہے ہوتے ہیں ۔ معاشرے میں عام مسلمانوں کو متاثر کرنے کے لئے بے بنیاد کرامتوں اور کمالات کے قصے مشہور کرتے ہیں ۔ اور ان فرضی قصوں کو نہایت ہی پر کشش انداز میں بیان کرتے ہیں ۔ حالانکہ کسی بھی مافوق الفطر امر کا انجام پانا ولایت یا کاملیت ایمان کا پیمانہ نہیں ہے۔دوسری بات یہ کہ دین کے معاملے میں جھوٹ جیسے کبیرہ گناہ کا سہارا لیا جاتا ہے جو مذموم کام ہے۔ اور عذاب الہی کو اپنی جانب مائل کرنے کے مترادف ہے۔ اس حوالے سے مخلص مسلمانوں کو اس قسم کے بے بنیاد اور جھوٹے دعووں کے خلاف علم بغاوت بلند کر کے معاشرے میں اس قسم کے جھوٹ کا راز فاش کر نا چاہیے۔

مرشد کا عجیب و غریب تصور

ہمارے ہاں مرشد کا تصور بہت عجیب ہے اور پیر یا مرشد کو کوئی ایسی مخلوق سمجھا جاتا ہے جس کا قول حرفِ آخر ہے اور کائنات پر کامل دسترس رکھتا ہے۔ مرشد چاہے تو ایک تعویذ یا ایک پھونک سے مردے کو زندہ اور خشک کو سر سبز کر دے۔ حالانکہ مرشد کی مثال ایک استاد کی سی ہے جو محض روحانی و شرعی معاملات میں اپنے مریدوں کی رہنمائی کرتا ہے۔ جو اپنے نفس پر فتح حاصل کرنے کے بعد دیگر لوگوں کو بھی اس جنگ میں فتح کے گر سکھاتا ہے۔
اس غلط تصور کان نتیجہ یہ برآمد ہوا کہ معاشرے میں مرشد اور پیر بن کر لٹیرے بھی گھس آئے اور ہم مارے عقیدت کے ان کا احتساب بھی نہ کر سکے۔ نام نہاد جعلی پیر فقیر شریعت کی دھجیاں بکھیرتے چلے جا رہے ہیں اور ہم مسلمان دیکھتے جا رہے ہیں ۔ لازم ہے کہ مرشد کی حقیقت لوگوں کے سامنے آشکار کی جائے تاکہ پیر کو صرف تعویذ لکھنے یا دم کرنے کی مشین ہی نہ سمجھ لیا جائے، بلکہ اس سے رُشد و ہدایت بھی حاصل کی جائے

تعویذ گنڈوں کا بے جا رجحان

اس نظام کی ایک منفرد خصوصیت تعویذوں کی بھر مار بھی ہے۔ لوگ ان تعویذات پر اس قدر یقین کرنے لگ گئے ہیں کہ ان کا دھیان خالق کی بجائے اسی مخلوق(تعویذات وغیرہ) کی طرف مائل ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں انہیں تعویذات کے پردے میں خطرناک جادو ٹونے نے بھی راستہ بنا لیا ہے۔ اور مخلوق کو بے جا ستایا جا رہا ہے۔ اگر چہ شریعت نے تو اس معاملے میں واضع موقف اختیار کیا ہے۔ تاہم مسلم ریاستوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ جادو ٹونے اوراس قسم کے دیگر ممنوعہ علوم پر پابندی لگائے اور کھلے عام عاملوں کی چالاکیوں سے عوام کو بچائے۔ علاوہ ازیں خانقاہوں کے صالح سجادہ نشینوں پہ بھی لازم ہے کہ وہ نہ صرف اس قسم کی چیزوں کی نفی کریں بلکہ اپنے حلقہ ارادت میں غلط قسم کے تعویذات اور ٹونوں کے حوالے سے شعور بھی بیدار کریں ۔
مندرجہ بالا گزارشات معاشرے کے عمومی رجحان کو دیکھ کر پیش کی گئی ہیں ۔ حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ آج بھی کچھ خانقاہیں حقیقی رنگ میں لوگوں کی نفسانی طہارت کا اہتمام کر رہی ہیں ۔ ہم ایسی تمام نیک ہستیوں اور پاکیزہ خانقاہوں کی قدر کرتے ہیں ۔ دوسری بات یہ ہے کہ روحانی سیٹ اپ بہت بکھرا ہوا ہے درحقیقت یہ کوئی باقاعدہ نظام نہیں ہے بلکہ ایک خاص شخصیت کے گرد لوگوں کا ہجوم ہوتا ہے۔ اس لیے ہم ان روحانی حلقوں کو بحیثیت مجموعی کسی طور پر بھی جماعت تصور نہیں کر سکتے۔ اس سب کے باوجود کچھ سلسلے جماعت کی طرح ہی نظر آئے ہیں مثلاً سیفی، ناجیہ، جماعت غوثیہ اور دارلاحسان وغیرہ۔ ان تمام حلقوں کے پاس نہ باقاعدہ جماعت کا ڈھانچہ ہے اور نہ جماعت کی طرح کا ڈسپلن۔ تاہم اگر کوئی گروپ خود کو جماعت تصور کرتا ہے تو کہنے میں حرج نہیں ۔

عشق کا عجیب تصور

اسلامی شریعت کے اصول و ضوابط پر عمل ہر انسان کے لیے لازم ہے۔ اس حوالے سے کو ئی ایکسکیوز بھی قابل قبول نہیں لیکن ہماری اکثر خانقاہوں اور ان پڑھ مریدوں میں یہ تصور عام ہو چکا ہے کہ شریعت کے اصول اور پابندیاں صرف اور صرف اہل عقل و خرد کے لیے ہیں ۔ اور کسی پیر کا مرید ہوتے ہی یا دو چار آستانوں کا طواف کر کے لوگ خود کو اہل عشق اور اہل جذب و جنوں میں شمار کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔ضوابط شریعت سے آزادی کا اعلان کر دیتے ہیں ۔
اگرچہ عشق میں فنا ہونے کی منزل کا انکار ممکن نہیں مگر اس فنا کا مطلب شریعت سے بغاوت یا مافوق الفطر اور خلاف اسلام امور کی بر آوری نہیں ۔ حتی کہ مجذوب صادق کے سامنے بھی اگر شریعت کا تقاضہ رکھا جائے تو وہ اس کا انکار نہیں کرتا۔
اس لحاظ سے عشق کے پر دے میں جہالت اور فسق و فجور کو چھپانا زیادتی ہے۔ ہمارے آستانوں کے سجادہ نشین حضرات پر لازم ہے کہ وہ اپنے در پر آنے والے مسلمانوں کو رجوع الی اللہ کی ترغیب دیں اور عشق کا نام لے کر شریعت سے راہ فرار اختیار کرنے کا موقع نہ دیں ۔

باب 3: اسلامی انقلابی جماعتیں

اسلام کو بطور نظام نافذ دیکھنا ہر سچے مسلمان کی خواہش ہونی چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا میں اسلام پسندسیاسی جماعتیں موجود ہیں جو نفاذ اسلام کا نعرہ لے کر معاشرے میں نہ صرف اپنا کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ عوام میں اچھا خاصا اثرو رسوخ بھی پیدا کر رہی ہیں ۔ اگر ان جماعتوں میں پائی جانے والی چند خامیوں کو دور کر دیا جائے تو یہ جماعتیں حقیقی معنوں میں اسلام کی نمائندگی کرنے کے قابل ہو سکتی ہیں ۔ کیونکہ یہ اسلام کے روحانی پہلو کا انکار بھی نہیں کرتیں اور اسلام کو ایک سیاسی قوت بھی تصور کرتی ہیں ۔ جبکہ اول الذکر دو قسم کی جماعتیں اسلام کا بہت محدود سا تصور پیش کرتی ہیں ۔
ان تمام تر حقائق کو دیکھتے ہوئے ہم کہہ سکتے ہیں اسلامی انقلابی جماعتیں ہی دراصل اسلام کو تقویت دینے اور اسلام کی حقیقی سر بلندی کی ضامن بن سکتی ہیں ۔ کیونکہ اسلام کا مزاج یہی ہے کہ وہ انقلاب برپا کر کے غالب آ جاتا ہے۔
اسلامی انقلابی جماعتو ں کو ہم مزید 3حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں ۔
اسلامی جمہوری جماعتیں
اسلامی باغی جماعتیں
اسلامی جہادی جماعتیں
اب ہم ان پر کسی حد تک مفصل روشنی ڈالنے کی کو شش کریں گے۔

اسلامی جمہوری جماعتیں

اسلامی جمہوری جماعتوں نے اس وقت تک دنیا میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ سیکولر جماعتوں کی ملحدانہ انتہا پسندی کے سامنے یہی جماعتیں موثر مزاحمت بن کر ابھری ہیں ۔ ان جماعتوں کی چند اہم خصوصیات مندرجہ ذیل ہیں

ملکی آئین کی پاسداری

یہ جماعتیں عموماً اسلامی انقلاب کا نعرہ لگاتی ہیں اور عوام کے سامنے کتاب و سنت کو اپنا آئین قرار دیتی ہیں ۔ تاہم دیکھنے میں آیا ہے کہ عملی طور پر یہ جماعتیں رائج ملکی آئین اور قانون کی پاسداری کرتی ہیں اور آئین کو حسب روایت ایک پاک کتاب تصور کرتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ سیکولر قوتیں چاہتے ہوئے بھی ان کے خلاف اقدام اٹھانے کا کوئی بہانہ تلاش نہیں کر پاتیں ، اور یوں اسلام پسند سیاسی جماعتوں کو معاشرے میں پھلنے پھولنے کا موقع مل جاتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ آج(2013 تک) ترکی اور مصر میں اسلام پسندجماعتیں بر سر اقتدار ہیں ، اور گزشتہ الیکشن میں پاکستانی مذہب پسندجماعتوں کے اتحاد نے بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔
آئین و قانون کی پاسداری کی بدولت ان جماعتوں کا امیج خراب نہیں ہوتا اور نہ ہی انکا راستہ روکنے کا کوئی بہانہ ہاتھ لگتا ہے۔

فلاحی خدمات

بعض اسلامی جمہوری جماعتیں فلاحی کام بھی انجام دیتی ہیں اور علمی منصوبے بھی چلاتی ہیں ۔ اس حکمت عملی کی وجہ سے ان جماعتوں کی جڑیں عوام میں مضبوط ہو جاتی ہیں اور الیکشن میں عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں آسانی رہتی ہے۔
اس کی خوبصورت مثال عرب میں اخوان المسلمون، حزب اللہ، پاکستان میں جماعت اسلامی اور تحریک منہاج القران ہیں ۔ یہ جماعتیں اسلامی سیاسی انقلاب کی داعی ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سارے فلاحی اور تعلیمی منصوبوں پر بھی عمل پیرا ہیں ۔ میرے خیال میں یہ بہت اچھی حکمت عملی ہے اور دینی قوتوں کے شایان شان بھی ہے۔

لچکدار پالیسی

عوام کے سامنے اسلامی جمہوری جماعتیں نہایت سخت گیر اور جذباتی منشور لے کر آتی ہیں ۔ تاہم دیکھنے میں آیا ہے کہ عوامی مینڈیٹ ملنے کے بعد ان جماعتوں میں نرمی پیدا ہوتی چلی جاتی ہے۔ اور بالآخر اس حد تک لچک پیدا ہو جاتی کہ عوام اسے سودا بازی تصور کرنے لگتے ہیں ۔
دینی جماعتوں کے حوالے سے لوگوں میں جس قدر عزت و منزلت پائی جاتی ہے۔ اس سے کہیں زیادہ حساسیت بھی پائی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مذہبی جماعتوں کا بعض غیر اسلامی اقدامات پر سمجھوتا کرنا ان کی بدنامی کا سبب بن جاتا ہے۔ یہی بدنامی ان پر عوام کے عدم اعتماد کا ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔ اور اس قسم کی جماعتیں سیاسی میدان میں ناکام ہو جاتی ہیں ۔
اس صورتحال سے نبٹنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ دینی سیاسی جماعتیں سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر اپنے نظریات سے مخلص ہو جائیں اور ان پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں ۔ اس طرح وہ معاشرے میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہیں ۔ اور سیاسی طاقت بھی حاصل کر سکتی ہیں ۔
دینی قوتوں کی لچکدار پالیسیاں اگرچہ قرین مصلحت دکھائی دیتی ہیں ۔ مگر حقیقت میں یہ پالیسیاں ان کے خلاف پروپیگنڈے کا سبب بنتی ہیں اور اس مضبوط پروپیگنڈے کے نتیجے میں عوام میں عدم اعتماد کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ ان حقائق سے یہی نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ دینی جماعتوں کیلئے اپنے منشور پر استقامت دکھانا ضروری ہے۔

سیاسی تدبر اور بصیرت کا فقدان

مذہبی جماعتیں موجودہ دور میں سیاسی تدبر اور بصیرت رکھنے والی قیادت سے محروم نظر آتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ یہ جماعتیں بڑی آسانی سے دوسروں کے ہاتھوں استعمال ہو جاتی ہیں ۔ میرے خیال میں اس قسم کی جماعتیں آخری دم تک اس بات کا ادراک نہیں کر پاتیں کہ انہیں کسی نے کس طرح اپنے عزائم کے لیے استعمال کر لیا ہے۔ یہ ایک بہت ہی خطرناک صورتحال ہے کیونکہ ماضی میں دینی اور جمہوری مینڈیٹ لے کر اسمبلی میں آنے والی مذہبی جماعتیں سیکولرزم اور ڈکٹیٹر شپ کے کام آتی رہی ہیں ۔ اگر یہ جماعتیں مستقبل میں کبھی پورے ملک میں برسر اقتدار آ بھی گئیں تو ان کیلئے ملکی داخلہ اور خارجہ امور سے نبرد آزمائی ایک چیلنج ہو گا۔
فرقہ وارانہ سیاست
یہ ایک حیران کن اور خوبصورت حقیقت ہے کہ پاکستان جیسے جذباتی ملک میں بھی مذہبی سیاسی جماعتیں اپنی اپنی فرقہ وارانہ حیثیت کو بھلا کر نہایت کھلے دل سے مل جل کر سیاسی اکھاڑوں میں کودتی ہیں ۔ تمام مسالک و مکاتب فکر کی مذہبی قیادت جب ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہے تو یقیناً یہ ایک خوبصورت پیغام دنیا کے سامنے جاتا ہے۔ اور سیاسی طور پر یہ فائدہ ہوتا ہے کہ دینی ووٹ بنک تقسیم نہیں ہوتا۔
تاہم 2013کے الیکشن میں پہلی مرتبہ فرقہ وارانہ سیاسی مہم بھی متوقع ہے۔ اس مقصد کے لیے بریلوی مکتبہ فکر کی جماعتیں سنی تحریک اور سنی اتحاد کونسل کے نام سے میدان میں اتریں گی۔
فرقہ وارانہ سیاست کس قدر کامیاب ہوتی ہے ؟ اس سوال کا جواب تو 2013ء کے متوقع انتخابات میں ہی ملے گا تاہم اس قسم کے سیاسی تجربے کوئی نیگ شگون نہیں ۔ اس قسم کی روایات اگر پھلنے پھولنے لگ گئیں تو یہ مذہبی جماعتوں کے لیے ایک اور داخلی چیلنج ہو گا۔

اسلامی باغی جماعتیں

سیاسی حوالے سے انقلابی عزائم رکھنے والی جماعتوں میں ایک قسم کی جماعتیں سخت گیر اور باغیانہ طرز فکر کی حامل جماعتیں ہیں ۔ اس قسم کی جماعتیں اگرچہ خالصتا ماضی کا نظام خلافت نافذ کرنے اور موجودہ سیاسی نظام سے کھلے عام بغاوت کرنے کی حکمت عملی رکھتی ہیں تاہم اس قسم کی جماعتیں معقول پذیرائی حاصل نہیں کر سکتیں ۔ اس قسم کی جماعتیں نہ عوام میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں اور نہ ہی حکومت کے کسی حلقے میں نرم گوشہ حاصل کر سکتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اس قسم کی کوئی بھی جماعت پوری دنیا میں کہیں بھی اقتدار حاصل نہ کر پائی۔ یوں ہم مجموعی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ مذکورہ حکمت عملی کسی طور بھی قابل عمل اور موثر نظر نہیں آتی۔
اس قسم کی جماعتوں کی نمایاں خصوصیات حسب ذیل ہیں

سخت گیر حکمت عملی

اس نوعیت کی جماعتیں سخت گیر موقف رکھتی ہیں ۔ اپنی غیر لچکدار پالیسی کی بدولت ان جماعتوں کو قدم قدم پر سخت مزاحمت کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔ ور کر اور لیڈر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ایک منفی فکر کے ترجمان بن کر معاشرے میں جڑیں مضبوط نہیں کر پاتے۔ اس لیے اس قسم کی جماعتیں دنیا میں ایک محدود حلقے تک ہی محدود رہتی ہیں ۔ اورسوائے زبانی جمع خرچ کے معاشرتی اور سیاسی میدان میں کوئی بھی کارنامہ انجام نہیں دے سکتے۔ اتنا ضرور ہے کہ اس قسم کی جماعتوں کو خریدنا ممکن نہیں ہوتا اور نہ ہی ان پر گفتار و کردار میں تضاد کا الزام لگایا جا سکتا ہے۔ کیونکہ کارکنوں کی تربیت کے دوران جماعت کے موقف کو پوری طرح ان کے ذہن پر طاری کر دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے اکثر کارکنوں میں فکری ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

سنہرے خواب

اس قسم کی جماعتیں اپنا جو منشور پیش کر تی ہیں وہ منشور درحقیقت اسلام کے ابتدائی نظام خلافت راشدہ کا عکس ہے اور یقیناً جو بھی دستور جس قدر اسلام کے قریب ہو گا اسی قدر زیادہ محاسن کا مجموعہ ہو گا۔ اس لحاظ سے میری معلومات کے مطابق ان جماعتوں کے پاس خلافت کا جو دستور ہے یقیناً وہ ایک سنہری دستور ہے مگر افسوس کہ یہ سنہرا دستور محض خواب ہے۔ ان کے افکار و کردار کو دیکھ کر ذہن میں یہ خواہش ضرور پیدا ہوتی ہے کہ کاش اس خوبصورت منشور کو نافذ کرنے کیلئے کوئی قابل عمل اور موثر حکمت عملی وضع کی جاتی تاکہ مسلمان زیادہ سے زیادہ تعداد میں حقیقی اسلامی نظام کے ثمرات سے مستفید ہو سکتے۔

ریاست سے ٹکراؤ کی حکمت عملی

اس قسم کی جماعتیں جمہوری نظام سے اختلاف کے نام پر ریاست اور اس کے ہر ادارے کے خلاف بغاوت کے قائل ہیں ۔ یہ حکمت عملی کسی بھی حکومت کے لیے مشکلات کا باعث بن جاتی ہے۔ ملک میں انارکی اور بے چینی کو ہوا ملتی ہے اور اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اگرچہ موجودہ دور میں خلافت کی علمبردار تنظیم اسلامی جیسی جماعتوں نے اپنے دروازے عام مسلمانوں اور ریاست کے دیگر عناصر کیلئے کھولے ہیں اور دوسری دینی سیاسی قوتوں کے ساتھ مل بیٹھنے کا آغاز کیا ہے تاہم اس نوعیت کی کچھ جماعتیں آج بھی اپنے چند ورکروں اور حامیوں کے علاوہ دنیا میں نفاذِ شریعت کا حق کسی پر نہیں مانتیں ۔ یوں ان کی انرجی مکمل طور پر دوسروں پر اعتراضات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے آنکھ مچولی میں ہی صرف ہو رہی ہے۔ اس کا نقصان نہ صرف ریاستوں ، عوام اور اداروں کو پہنچتا ہے بلکہ اسلام کا تشخص بھی داغدار ہوتا ہے اور ادارے اسلام پسندوں کے معاملے میں بد ظن ہو جاتے ہیں ۔ اور بالواسطہ طور پر ان قوتوں کی جنگ اسلام اور اسلام پسندوں کے خلاف مقابلے کا روپ دھار لیتی ہے۔
روحانیت کا فقدان : باغی جماعتیں چونکہ دیگر تمام قوتوں سے بیزاری کا اعلان کرتی ہیں ، اس لیے ان میں لچک اور نرمی دیکھنے کو نہیں ملتی۔ ہر تصویر کا منفی رخ دیکھنے کی وجہ سے ان میں روحانیت دم توڑ دیتی ہے۔ اور ان کے کارکنو ں میں اسلام کا ایک ایسا امیج ابھرتا ہے جو سراسر بغاوت اور سختی پر مبنی ہوتا ہے۔ہر مشکوک عمل پر فوری سخت رد عمل اور حتی کہ مباح امور کو بھی نا جائز قرار دینے کی وجہ سے عام آدمی کے لیے اسلام پر عمل کرنا اور غیر مسلموں کے لیے اسلام قبو ل کرنا مشکل نظر آتا ہے۔اس لیے اسلام کی اشاعت و تبلیغ کا عمل رک
جاتا ہے اور محبتوں کی بجائے نفرتوں کی دنیا آباد ہو جاتی ہے۔
آج باغیوں کا مٹھی بھر افراد پر مشتمل گروپ اس سواد اعظم پر تنقید کرتا دکھائی دیتا ہے، جو غلبہ اسلام کے لیے کسی اور حکمت عملی کا قائل ہے۔غلبہ اسلام کی جدو جہد کی پر خار راہوں پر چلنے والے ان مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ان بزرگان دین اور اولیاء کرام کی زندگیوں کا بھی مطالعہ کریں جنہوں نے ہندوستان جیسے دار الکفر میں نہ صرف اسلام کی شمع روشن کی بلکہ یہاں اسلام کو اس حد تک مضبوط کیا کہ ہزاروں برس مسلمان اس خطے پر حکمران رہے۔ غیر مسلم لوگوں نے ان سے محبت کی اور انہوں نے غیر مسلم افراد کے سامنے اسلام کو ایک مسئلے کے طور پر نہیں رکھا بلکہ اسلام کو مسائل کے حل کے طور پر پیش کیا۔

ملک دشمن عناصر کی مدد

میرے خیال میں کسی بھی ملک کو کمزور کرنے کے لیے عوام کو اس ملک کے خلاف ابھارنے اور ملکی قوانین کے خلاف بغاوت کرنے پرا راضی کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے بیرونی دشمنوں کو اندرون ملک سے ایجنٹ چاہیے ہوتے ہیں جو ملک کے اندر رہتے ہوئے سازشیں کریں اور مایوسی اور بدامنی پیدا کریں گے۔
اس قسم کی باغی جماعتیں عموماً ان ملک دشمن قوتوں کا غیر ارادی طور پر آلہ کار بن جاتی ہیں ۔ اور عوام کو ریاست کے سامنے لا کھڑا کرتی ہیں ۔ جس کے نتیجے میں یا تو ملک بکھر جاتے ہیں یا پھر ریاستیں ایسے لوگوں کو کچل دیتی ہیں ۔ ریاستوں کی کاروائی کی صورت میں وہ غریب بھی کچلا جاتا ہے جو محض اسلام کے نام پران جماعتوں کے ساتھ منسلک ہوا تھا۔ اپنی اس وفاداری پر وہ غریب اور اس کا معصوم خاندان ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ریاستی جبر کی نذر ہو جاتا ہے اور اسلام کو ذرہ برابر بھی فائدہ نہیں پہنچتا۔
اس صورتحال میں معاشرے میں دہشت و ہراس پھیلتا ہے اور لوگ عبرت پکڑتے ہوئے کسی بھی مذہبی مشن سے تعاون نہیں کرتے۔

اسلامی جہادی جماعتیں

جہاد اسلام کا حصہ ہے اور کتاب و سنت میں اس کے فضائل بھی وارد ہوئے ہیں ۔ کامیاب اور موثر جہاد کے پیچھے اسلامی ریاست کا ہاتھ ضروری ہوتا ہے۔ اس سوال سے قطع نظر کہ کیا اسلامی ریاست کی اجازت کے بغیر جہاد جائز ہے یا نہیں ؟؟ ہم اس بات کا ادراک رکھتے ہیں کہ پاکستان سمیت دنیا میں کئی ممالک میں جہادی تنظیمی کام کر رہی ہیں ۔ کچھ جہادی جماعتیں اپنی اپنی مقبوضہ علاقوں کی آزادی کی جدو جہد کر رہی ہیں ، جبکہ کچھ جماعتیں اپنی مسلح افواج کے ساتھ مل کر ملک کے دفاع کا فریضہ سر انجام دے رہی ہیں ۔ پاکستان جہادی تنظیموں کی آماجگاہ بنا رہا ہے تاہم جنرل (ر)پرویز مشرف کی ڈکٹیٹر شپ کے زمانے میں ان پر پابندی لگا دی گئی۔
اس قسم کی جماعتوں کی چیدہ چیدہ خصوصیات حسبِ ذیل ہیں ۔

مضبوط تعلقات عامہ

مشاہدے میں آیا ہے کہ جہادی جماعتیں اگرچہ ایک بہت ہی مشکل اور صبر آزما مشن کی حامل ہوتی ہیں ۔ مگر ان کی ساکھ عوام میں بہت اچھی ہوتی ہے۔ شاید اس کی وجہ ان کے کارکنوں کی مناسب اخلاقی تربیت اور باغی جماعتوں کے برعکس فلاح عامہ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے۔ اس کی بہترین مثال لبنان کی حزب اللہ اور کشمیر میں برسر پیکار عسکری تنظیمی ہیں جن کو عوام میں اچھی خاصی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ یہ عوامی حمایت دوران جہاد ان کو بہت کام دیتی ہے اور شاید اسی گڈول کی بدولت ہی ان کو نئے کارکنوں کی کھیپ دستیاب ہوتی ہے۔

کامیابی کے امکانات

جہاد کے ذریعے انقلاب اگرچہ اتنا آسان ہدف نہیں ہے تاہم اس عمل کو ہم بالکل ناکام بھی نہیں کہہ سکتے۔ کیونکہ افغانستان میں مجاہدین کے ہاتھوں روس کی شکست اور اس کے بعد کچھ عرصے کے لیے وہاں اسلامی نظام کے نفاذ، حزب اللہ کی اسرائیل کے خلاف کامیاب مزاحمت اور فلسطین میں حماس کے عسکری کارناموں نے جہادی جماعتوں کے حوصلے بلند کیے ہونگے۔مگر یہ سب کامیابیاں اس وقت تک ممکن ہیں جب قرب و جوار میں قائم اسلامی ریاستوں سے تعلقات اچھے رکھے جائیں ۔
مسلم ممالک کے خلاف شر انگیزی کاروائیوں کے نتیجے میں جہادی کاز کو بری طرح نقصان پہنچتا ہے۔ اسلام کو فائدے کی بجائے نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے لازم ہے کہ جہادی سرجری کا عمل اسی جگہ پر کیا جائے جہاں پر اس کی ضرورت ہے۔

جہاد اور دہشت گردی

دورِ حاضر میں دہشت گردی کی اصطلاح عام ہے اور سرکاری ذرائع دہشت گرد جماعتوں کا نام بھی لیتے ہیں ۔ ذاتی طور پر مجھے نہیں لگتا کہ اس قدر سفاکانہ عمل میں کوئی جماعت ملوث ہو یا باقاعدہ کارکنوں کو تربیت دی جاتی ہو تاہم اس قدر شک کیا جا سکتا ہے کہ شاید ان جہادی تنظیموں کے تربیت یافتہ کارکن جماعتوں سے ٹوٹ کر دہشت گردانہ کاروائیاں سرانجام دیتے ہوں ۔
حقیقت کچھ بھی ہو اس بات سے انکار نہیں کہ دہشت گردی کے الزام نے جہادی جماعتوں کو شدید دھچکا لگایا ہے اور ان کے لیے جہاد کے ذریعے سے مطلوبہ مقاصد کا حصول مشکل نظر آنے لگا ہے تاہم دنیا میں موثر جہادی ایلیمنٹ کے وجود سے انکار ممکن نہیں ہے۔

سیاسی قیادت کا فقدان

جہادی جماعتوں کی سیاسی حکمت عملی نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں کو استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ چاہیے تو یوں تھا کہ معاملات کو سیاسی حکمت عملی کے ذریعے طے کیا جاتا اور جہاد کا ہتھیار ضرورت کے تحت استعمال کیا جاتا مگر حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ موجودہ جہادی جماعتیں اگرچہ اسلامی انقلاب کی بات کرتی ہیں ، مگر حقیقت میں ان کے پاس کوئی ایجنڈا ور حکمت عملی موجود نہیں ہے اور کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ اسلامی انقلاب بذریعہ جہاد کیسے آئے گا۔
ہو سکتا ہے کہ یہ جماعتیں اپنے کارکنوں کو کوئی ایجنڈا یا کسی خاص حکمت عملی سے روشناس کراتی ہوں ، مگر عوام میں ان کا کوئی خاص ایجنڈا پیش نہیں کیا جاتا۔ سردست یہی کیا جا سکتا ہے کہ ان جماعتوں کے لیے لازم ہے کہ وہ مسلم حکومتوں سے افہام و تفہیم اور مسلم عوام سے اعتماد کا رشتہ قائم کرنے کی کو شش کریں
ان تمام تر حقائق کو بیان کرنے کے بعد اگر ہم مختصر سا نتیجہ اخذ کرنا چاہیں تو یوں کہیں گے کہ غلبہ اسلام کے لیے قدرت نے اگر کوئی وسیلہ بنایا تو وسیلہ اسلامی انقلابی جماعتیں ہی قرار پائیں گی اور دیکھنا یہ ہو گا کہ
جمہوری جماعتوں کی سیاسی چالبازیاں کام آتی ہیں یا باغیوں کی بغاوت کوئی گل کھلاتی ہے، یا پھر جہادیوں کا جہاد کوئی مسرت آفریں پیغام سناتا ہے۔
دیکھنے میں آیا ہے کہ قیادت کے بلند تخت پر بیٹھے لوگ عموماً اپنی خامیوں کو دیکھ نہیں پاتے۔ اس لیے ہم ان کمزوریوں پر ایک عام مسلمان کی حیثیت سے نگاہ ڈالی ہے اور ان کو اجاگر کرنے کی کو شش کی ہے۔ ہو سکتاہے کہ ہمیں اس جسارت کا خمیازہ ان جماعتوں کی نفرت کی صورت میں بھگتنا پڑے۔ تاہم یہ امید بھی موجود ہے کہ ہمارے مذہبی قائدین اپنی ان خامیوں پر نظر ثانی ضرور کریں گے۔ تاکہ غلبہ اسلام کا خوبصورت سپنا، جلد از جلد شرمندہ تعبیر ہو۔
٭٭٭

مصنف کے فائل فراہمی کے لئے تشکر کے ساتھ
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

پاکستان میں مذہبی جماعتیں بے اثر کیوں ؟؟؟