پلاسٹک سرجری۔ اسلامی نقطۂ نظر
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
اسلامک فقہ اکیڈمی (انڈیا) کے اٹھارہویں سمینار (منعقدہ مدورائی، ۲۸ فروری تا ۲ مارچ ۲۰۰۹ء) کا ایک موضوع پلاسٹک سرجری بھی تھا۔ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے ذیل کا مقالہ اس کے لیے تحریر کیا تھا۔ اس طرح کے موضوعات میں اختلافِ رائے کی گنجائش رہتی ہے۔ جو حضرات علمی انداز میں اس کے کسی پہلو پر اظہار خیال فرمانا چاہیں وہ ’تحقیقاتِ اسلامی‘ کو اس کا ذریعہ بناسکتے ہیں۔ امید ہے ’تحقیقات اسلامی‘ کا حلقہ اس سے استفادہ کرے گا۔
(جلال الدین عمری)
طب کی ایک شاخ،جس میں جسم انسانی کے کسی عضو کی ہیئت یا فعل کودرست کرنے کے لیے ایک خاص طرح کا آپریشن کیا جا تا ہے ،پلاسٹک سرجری (Plastic Surgery)کہلاتی ہے۔ ’پلاسٹک‘ یونانی لفظ Plastikosسے ماخوذ ہے ، جس کے معنی ہیں کسی چیز کو موڑنا،اسے نئی شکل دینا to mold, to shape (اس سے مراد یہ نہیں ہے کہ سرجری کی اس قسم میں مخصوص کیمیاوی مادہ ’پلاسٹک‘ کا استعمال ہوتا ہے۔ )
تاریخی پس منظر
انسان فطری طور پر چاہتا ہے کہ وہ صحت مند رہے ،اسے کوئی بیماری لاحق نہ ہو، اس کے اعضائے بدن ٹھیک طریقے سے کام کرتے رہیں،ان کے افعال میں کوئی نقص و خلل واقع نہ ہو،ظاہری طور پر بھی ان میں کوئی عیب دکھائی نہ دے اوراس کی شخصیت پرکشش اور جاذب نظر معلوم ہو۔ یہی وجہ ہے کہ اگرکسی سبب سے اس کے کسی عضو میں بد ہیئتی پیدا ہو جائے تو وہ اس کے ازالے کی کوشش کرتا ہے اور اگر وہ عضو اپنا مفوّضہ کام کرنا بند کر دے یا اس میں کمی آ جائے تواسے درست کرنے کی تدابیر اختیار کرتا ہے۔
دنیا کی تمام قوموں میں علاج معالجہ کی جن اولین تدابیرکاسراغ ملتا ہے ان میں اس پہلو کے بھی اشارے پائے جاتے ہیں۔ مورخین کے مطابق ہندوستان میں دو ہزار سال قبل مسیح اس عمل کا پتا چلتا ہے۔ مشہورہندوستانی طبیب سشرت (Sushruta) نے (جس کا زمانہ چھٹی صدی قبل مسیح بتایا جاتا ہے )پلاسٹک سرجری کے میدان میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ قدیم مصری طب میں بھی چہرے کے عمل جراحی سے متعلق بعض تفصیلات ملتی ہیں۔ اسی طرح پہلی صدی قبل مسیح میں رومی طب میں اس مخصوص عمل جراحی کی سادہ تکنیک کاسراغ ملتا ہے۔ یہ لوگ زخمی اور کٹے ہوئے کان کی اصلاح اوردرستگی کا کام انجام دیتے تھے۔ اس طریقۂ علاج میں ہندوستانی اطباء کی مہارت سے دیگر ممالک میں بھی فائدہ اٹھایا گیا۔ سشرت اور چرک (Charaka b.300BC) کی طبّی تصانیف کاعباسی عہد خلافت میں عربی میں ترجمہ کیا گیا۔ ان سے عرب اطباء واقف ہوئے، پھر یہ ترجمے یورپ پہنچے تو ان سے بھر پور استفادہ کیا گیا۔ بیان کیا جاتا ہے کہ اٹلی میں Branca Family of Sicily (15th Century) اور Gaspare Taglia Cozzi (Bologna)سشرت کی تکنیک سے بہ خوبی آگاہ تھے۔ اٹھارہویں صدی کے اواخر میں کچھ برطانوی طبیبوں نے ہندوستان کاسفرکیا،تا کہ ناک کی پلاسٹک سرجری کا مشاہدہ کریں،جو یہاں مقامی طریقوں سے انجام دی جاتی تھی۔ اس کی رپورٹیں Gentleman's Magazine میں شائع ہوئیں۔ اسی طرح پلاسٹک سرجری کے مقامی طریقوں کا مطالعہ کرنے کے لیے Joseph Constantine Carpue(1764-1846) نے ہندوستان میں بیس سال گزارے۔ چوں کہ عمل جراحی میں بہت زیادہ خطرات تھے ،خاص طورسے اس صورت میں جب معاملہ سر اور چہرے کا ہو، اس لیے ناگزیر حالت ہی میں اس کو انجام دیا جاتا تھا۔
انیسویں صدی میں پلاسٹک سرجری کو کچھ زیادہ رواج ملا اور اس میدان میں نئی نئی تکنیکیں ایجاد ہوئیں اور نئے نئے تجربات کیے گئے۔ اس کا اندازہ درج ذیل تجربات سے بہ خوبی کیاجاسکتا ہے جنھیں اس میدان کے اہم سنگ ہائے میل کہنا بے جا نہ ہو گا۔
۱۸۱۵ء میں Joseph Carpue نے ایک برطانوی فوجی آفیسرکی پلاسٹک سرجری کی جو mercury treatment کے سمّی اثرات کے نتیجے میں اپنی ناک گنوا بیٹھا تھا۔
۱۸۱۸ء میں جرمن سرجن Carl Ferdinand Von Graefe (1787-1840) نے اپنی کتاب Rhinoplastic شائع کی۔ اس میں اس نے اطالوی طریقۂ جراحی میں تبدیلی کرتے ہوئے Original Delayed Pedicle Flap کے بجائے بازو کی کھال لگا نے (Free Skin graft) کا طریقہ ایجاد کیا۔
۱۸۲۷ء میں امریکن سرجن Dr. John Peter Mattauer(1787-1875) نے اپنے ہی تیار کردہ آلات سے تالو میں شگاف (Cleft Palate) کا پہلا آپریشن کیا۔
۱۸۴۵ء میں Johann Friedrich Dieffenbach(1792-1847) نے ناک کی پلاسٹک سرجری پر ایک مبسوط تحریر لکھی جس کا عنوان Operatiue Chirurgie تھا۔ اس میں اس نے اصلاح شدہ ناک کے جمالیاتی مظہر کو بہتر بنانے کے لیے دوبارہ آپریشن کا تصور پیش کیا۔
۱۸۸۹ء میں امریکن سرجن George Monks(1853-1933) نے درمیان میں پچکی ہوئی ناک (Saddle nose) کے نقص کو دور کرنے کے لیے دوسرے مقام کی ہڈی استعمال کرنے (Heterogeneous free bone grafting) کا کامیاب تجربہ کیا۔
۱۸۹۱ء میں کان، ناک اور حلق کے امراض کے امریکی ماہر John Orlando Roe (1848-1915) نے ایک نوجوان خاتون کی ناک کے پچھلے ابھار کو کم کرنے کے لیے آپریشن کیا۔
۱۸۹۲ء میں Robert weir نے پچکی ہوئی ناک (Sunken nose) درست کرنے کے لیے بطخ کے سینے کی ہڈی (Duck sternum) استعمال کرنے کا تجربہ (Xenograft) کیا، لیکن اس میں اسے کامیابی نہیں ملی۔
۱۸۹۶ء میں جرمن سرجن (1848-1926) James Adolf Israel نے امریکن سرجن George Monks کے مثل ناک کے نقص کو دور کرنے کے لیے دوسرے مقام کی ہڈی استعمال کی۔
۱۸۹۸ء میں جرمن آرتھو پیڈک سرجن Jacques Joseph(1843-1907) نے ناک کے ابھار کو کم کرنے (Reduction Rhinoplasty) کا اپنا پہلا تجربہ شائع کیا۔
نیا زمانہ،نئے مسائل
پلاسٹک سرجری کے میدان میں بیسویں صدی میں غیر معمولی پیش رفت ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ برطانوی فوجی Walter Yeo غالباً پہلا شخص ہے جس کے چہرے کی ۱۹۱۷ء میں Skin graft کے ذریعہ کامیاب سرجری کی گئی۔
جنگ عظیم اول(۱۸۔ ۱۹۱۴ء ) اپنے ساتھ بھیانک تباہی لائی۔ بہت سے لوگ اس میں ہلاک ہوئے اور ان سے کہیں زیادہ تعداد میں زخمی ہوئے۔ بہت سے فوجی ہاتھ پیرسے معذور ہو گئے۔ ان کے بدن اور چہرے جھلس گئے۔ اس موقع پر بہت سے ممالک میں پلاسٹک سرجری کے کامیاب تجربے ہوئے۔ یہی صورت حال جنگ عظیم دوم (۴۵۔ ۱۹۳۹ء) کے بعد بھی پیش آئی۔
نیوزی لینڈ کے سرجن ماہر امراض کان و حلق Sir Harold Delf Gillies (1882-1960) نے ان لوگوں کے لیے، جن کے چہروں پرجنگ عظیم اول کے درمیان گہرے زخم آئے تھے اور وہ مسخ ہو گئے تھے ،جدیدپلاسٹک سرجری کے بہت سے طریقوں کوترقی دی۔
امریکہ میں Dr.Vilray Papin Blair(1871-1955) نے جنگ عظیم اول کے فوجیوں کے جبڑوں اور چہروں کو لاحق ہونے والے پیچیدہ زخموں Complex Maxillofacial injuries کے کامیاب آپریشن کیے۔ اس کی کوششوں سے امریکی ملٹری ہاسپٹل میں پلاسٹک سرجری کا مستقل شعبہ قائم ہوا، جس کے بعد برطانیہ، فرانس، کناڈا اور دیگر ممالک میں بھی اس طرح کے شعبے قائم ہوئے۔ جنگ عظیم دوم کے بعد نیوزی لینڈ کے سرجن Sir Archibald McIndoe (1900-1960)نے جو Sir Harold کا شاگرد تھا، Royal Air Force کے فوجیوں کا ابتدائی علاج کیا،جن کے بدن جھلس گئے تھے۔
امریکہ میں چہرے کی سرجری اورپلاسٹک سرجری سے متعلق ایک انجمن قائم ہوئی جس کا نام تھا: American Association of Oral and Plastic Surgery۔ بعد میں یہ انجمن دو ذیلی انجمنوں میں تقسیم ہو گئی :
(1) American Association of Plastic Surgeons
(2)American Association of Oral and Maxillofacial Surgeons
ان تمام کوششوں اور خدمات کے باوجودپلاسٹک سرجری طب کا ایک مخصوص اور محدود شعبہ تھا، جس کے تحت جسمانی عیوب و نقائص کی اصلاح کی جاتی تھی۔ جنگوں اور حادثات و آفات کے مواقع پر تو پلاسٹک سرجری کے ضرورت مند متاثرین کی تعداد بڑھ جاتی تھی، لیکن عام حالات میں ایسے مریضوں کی تعداد زیادہ نہیں ہوتی تھی، لیکن جب سے اس میں ایک نئے ذیلی شعبے کو متعارف کرا یا گیا، جس کا مقصد انسان کے ظاہری حسن و جمال میں اضافہ تھا، اس وقت سے یہ شعبہ کافی مقبول ہو گیا۔ ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ دیکھنے میں اچھا لگے ، اس کا چہرہ خوب صورت معلوم ہو، اس کے اعضاء چست دکھائی دیں اور ان پر درازیِ عمر کے اثرات عیاں نہ ہوں۔ اس نئے شعبے سے ان کی یہ خواہشات پوری ہوتی نظر آئیں۔ مختلف ممالک میں مختلف سطحوں پر منعقد ہونے والے حسن کے مقابلوں، فلمی دنیا کی چمک دمک، نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی دل فریب (Glamorous) زندگی اور دیگر عوامل و محرکات نے پلا سٹک سرجری سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد میں سیکڑوں گنا اضافہ کر دیا اور اس فن نے بہت زیادہ منافع بخش کاروبار کی شکل اختیار کر لی۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ اس رپورٹ سے لگایا جاسکتا ہے جس کے مطابق ۲۰۰۶ء میں صرف امریکہ میں پلاسٹک سرجری کے تقریباً گیارہ ملین آپریشن کیے گئے۔ پھر جب پلاسٹک سرجری کاروبار بن گئی تو اس کی خواہش رکھنے والے یہ تلاش کرنے لگے کہ کہاں کم سے کم خرچ پر یہ آپریشن کرائے جاسکتے ہیں۔ اس کے لیے کیوبا، تھائی لینڈ، ارجنٹائنا، ہندوستان اور مشرقی یورپ کے بعض ممالک کی نشان دہی کی گئی۔ آپریشن، آپریشن ہے۔ اس میں بہت سے خطرات پائے جاتے ہیں اور بہت سی پیچیدگیوں کا اندیشہ رہتا ہے۔ لیکن ان سے بے پروا ہو کر ایک دوڑ لگی ہوئی ہے اور اس فن سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے۔
مقاصد اور میدانِ عمل
مقاصد کے اعتبار سے پلاسٹک سرجری کی بنیادی طور پر دوقسمیں ہیں :
الف۔ اصلاحی عمل جراحی (Reconstructive Surgery)
پلاسٹک سرجری کا مقصد بسا اوقات یہ ہوتا ہے کہ جسم میں پائے جانے والے کسی ایسے عیب یا نقص کو دور کیا جائے جس سے انسان دیکھنے میں بد ہیئت نظر آ رہا ہو، یاکسی ایسے عضو کی کار کردگی کو بحال کیا جائے یا بہتر بنایا جائے جس کی منفعت ختم یا کم ہو گئی ہو۔ یہ عیب یا نقص خِلقی(Congenital) بھی ہو سکتا ہے اور حادثاتی (Accidental) بھی۔
جن صورتوں میں اس قسم کی سرجری کی ضرورت پڑتی ہے ان میں سے چند یہ ہیں :
۔ پیدائشی نقائص (Congenital abnormalities) جیسے ہونٹ کا کٹا ہونا (Cleft lip) تالو کا کٹا ہونا (Cleft Palate)، کان کا بیرونی حصہ نہ ہونا۔ سرکی ہڈیوں کا باہم ملا ہونا (Craniosynostosis) ہاتھ کے پیدائشی نقائص (Congenital hand deformities)
۔ بچوں کی نشو و نما کے نقائص (Developmental Abnormalities)
۔ چوٹ لگنے کی وجہ سے پہنچنے والے زخم،جیسے سراورچہرے کی ہڈیوں کا ٹوٹ جانا (Craniofacial Skeleton Fracture)
۔ جسم کاجھلس جانا (Burns)
۔ ٹیومر یا کینسر، جیسے پستان کا کینسر (Breast Cancer) سر یا گردن کے کینسر (Craniocervical Cancer) جلد کا کینسر (Skin Cancer)
۔ گنجا پن (Baldness)
ب۔ تجمیلی عمل جراحی (Cosmetic or Aesthetic Surgery)
بسا اوقات پلاسٹک سرجری کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اعضاء کی ساخت میں مناسب تبدیلی کر کے انسان کی ظاہری ہیئت کو خوب صورت اور پرکشش بنایا جائے۔ اسی طرح عمر ڈھلنے کے ساتھ انسان کے اعضاء میں ڈھیلا پن اور کچھ بد ہیئتی آ جاتی ہے۔ پلاسٹک سرجری کے ذریعے اس کو بھی دور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
سرجری کی اس قسم کے ذریعے جو افعال انجام دیے جاتے ہیں ان میں سے چند یہ ہیں :
۔ پیٹ کا ڈھیلا پن دور کرنا (Abdominoplasty)
۔ ڈھلک جانے والی پلکوں کو نئی شکل دینا(Blepharoplasty)
۔ چھوٹے پستان کوبڑا کرنا(Breast Augmentation)
۔ بڑے پستان کو چھوٹا کرنا (Breast Reduction)
۔ پستانوں کا ڈھیلا پن کم کر کے انھیں اوپر اٹھانا یا نئی شکل دینا (Mastopexy)
۔ کولہوں کو اوپر اٹھانا (Buttock Augmentation)
۔ ناک کو نئی شکل دینا (Rhinoplasty)
۔ کان کون ئی شکل دینا(Otoplasty)
۔ چہرے سے جھرّیاں اور بڑھاپے کی علامات دور کرنا (Rhytidectomy)
۔ ٹھڈّی کو اوپر اٹھانا (Chin Augmentation)
۔ رخسار کو اوپر اٹھانا (Cheek Augmentation)
۔ جلد کو خوب صورت بنانا (Laser skin resurfing)
۔ مَردوں کاسینہ کشادہ کرنا (Male Pectoral Implant)
۔ چہرے سے مہاسے،چیچک کے داغ اور دیگر نشانات ختم کرنا(Chemical Peel)
۔ ہونٹ کو نئی شکل دینا (Labia Plasty)
۔ جسم سے چربی کم کرنا(Suction-Assisted Lipectomy)
سرجری کا طریقۂ کار
پلاسٹک سرجری کے لیے عموماً درج ذیل طریقوں میں سے کوئی طریقہ اختیار کیا جاتا ہے :
۔ اعضاء کے عیب یا نقص کو دور کرنے کے لیے آپریشن کیے جاتے ہیں۔
۔ موٹے لوگوں میں بدن سے زائد چربی کو زائل کر کے اسے دبلا اور چھریرا بنایا جاتا ہے۔
۔ بدن کے دوسرے حصوں سے چربی کو منتقل کر کے کولہے ابھارے جاتے ہیں۔
۔ جسم جھلس جانے کی صورت میں لیفی انسجہ (Fibrous tissues) جن میں بہت زیادہ کھنچاؤ ہوتا ہے، انھیں آپریشن کر کے نکال دیا جاتا ہے اور صحیح جلد کو ملا کر جوڑ دیا جاتا ہے۔
۔ جلد کو خوب صورت بنانے کے لیے Laser Techniqueسے مدد لی جاتی ہے۔
۔ ایک عام اور اہم طریقہ Microsurgery کہلاتا ہے۔ اس میں کسی عضو کے نقص کو چھپانے کے لیے جلد،عضلہ،ہڈی یا چربی کے نسیج (Tissue) کودوسری جگہ سے متاثرہ جگہ تک منتقل کیا جاتا ہے اور وہاں کی عروق دمویہ کو جوڑ کر خون کی سپلائی جاری کر دی جاتی ہے۔ یہ تکنیک جلد کی منتقلی کے سلسلے میں کثرت سے مستعمل ہے۔ اسے Skin grafting کہتے ہیں۔ ۱
حل طلب مسائل
پلاسٹک سرجری کے سلسلے میں درج بالا تفصیلات کی روشنی میں کچھ سوالات ابھرتے ہیں جنھیں شریعت اسلامی کی روشنی میں حل کیا جانا موجودہ دور کا اہم تقاضا ہے۔ وہ سوالات درج ذیل ہیں :
۱۔ کوئی ایساعیب جوانسان میں پیدائشی طورپرموجودہواوراس کی وجہ سے وہ بد ہیئت نظر آ رہا ہو اور وہ عیب عام قانون فطرت کے خلاف ہو،کیا اس کو دور کرنے کے لیے پلاسٹک سرجری کرانا جائز ہو گا؟
۲۔ کوئی ایساعیب جو پیدائشی طور پر نہ ہو،بلکہ کسی حادثہ کی وجہ سے پیدا ہو گیا ہو اور اس کی وجہ سے انسان بد ہیئت معلوم ہو رہا ہو، کیا اس کے علاج کیلئے پلاسٹک سرجری کرانا درست ہو گا؟
۳۔ جسم انسانی کی بعض ہیئتیں عام قانونِ فطرت کے خلاف نہیں ہوتیں اور ان کا شمار عیب میں نہیں کیا جاتا،لیکن بعض افراد کو وہ پسند نہیں ہوتیں۔ اسی طرح بعض ہیئتیں بعض افرادکوپسندہوتی ہیں،لیکن وہ ان کے بدن میں نہیں پائی جاتیں۔ کیاناپسندیدہ ہیئتوں کو زائل کرنے اورپسندیدہ ہیئتوں کو حاصل کرنے کے لیے پلاسٹک سرجری کرانا جائز ہے ؟
۴۔ بعض عیوب یاناپسندیدہ ہیئتیں عمر زیادہ ہونے کے ساتھ فطری طور پر ہر شخص کے بدن میں ظاہر ہوتی ہیں۔ کیا ان عیوب یا ہیئتوں کے ازالہ کے لیے آپریشن کرانا جائز ہے ؟
۵۔ کیا کم عمر اور خوب صورت نظر آنے کے لیے پلاسٹک سرجری کرائی جاسکتی ہے ؟
۶۔ شناخت چھپانے کے لیے پلاسٹک سرجری کرانے کا کیا حکم ہے ؟
اسلام کی اصولی تعلیمات
مذکورہ مسائل کا تجزیہ کرنے اور شریعت اسلامی میں ان کا حکم دریافت کرنے سے قبل مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اسلام کی بعض اصولی تعلیمات پیش نظر رکھی جائیں، کیوں کہ ان کی روشنی میں ان مسائل کا حل دریافت کرنا اور ان کا حکم مستنبط کرناآسان ہو گا۔
۱۔ اللہ تعالی نے انسانوں کو بہترین ساخت پر پیدا کیا ہے (لَقَدْ خَلَقْنَا الاِنْسَانَ فِی اَحْسَنِ تَقْوِیْم۔ التین:۴) اس نے انھیں ہاتھ، پیر، دل، دماغ، زبان، ہونٹ، آنکھ، کان، ناک اور دیگر اعضائے بدن سے نوازا ہے، تاکہ وہ انھیں کام میں لائیں اور اللہ کا شکر ادا کریں۔ اعضائے بدن اللہ تعالی کی امانت ہیں اور اس امانت کی حفاظت کرنا ان پر فرض ہے۔ ان اعضائے بدن کے جو مفوّضہ کام ہیں اگر ان میں کوئی خلل کسی خِلقی بیماری کی وجہ سے یا حادثاتی طور پر واقع ہو تو اسے دور کرنا شریعت میں مطلوب ہے۔ ایک حدیث میں ہے کہ کچھ بدّو خدمتِ نبوی میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول ! کیا ہم علاج معالجہ کر سکتے ہیں ؟ آپؐ نے جواب دیا:
نعم،یاعباداللہ تداو وا فان اللہ لم یضع داءً ا الّاوضع لہ شفاءً ا (اوقال دواءً) ۲
ہاں، اے اللہ کے بندو، علاج کراؤ، اس لیے کہ اللہ نے جو بیماری بھی پیدا کی ہے اس کے لیے شفا (یا فرمایا: دوا ) بھی رکھی ہے۔
۲۔ جس طرح بیماری یہ ہے کہ جسم انسانی کا کوئی عضو کلّی یا جزئی طور پر اپنا مفوّضہ کام کرنا بند کر دے، اسی طرح بیماری یہ بھی ہے کہ انسان دیکھنے میں کسی خاص وجہ سے بد ہیئت نظر آئے۔ بد ہیئتی سے اگرچہ انسان کو کوئی جسمانی تکلیف نہیں ہوتی، لیکن اس سے جو ذہنی اور نفسیاتی تکلیف پہنچتی ہے، وہ جسمانی تکلیف سے کسی طرح کم نہیں ہوتی، بلکہ بسا اوقات اس کی اذیّت جسمانی اذیّت سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ یہ دونوں طرح کی بیماریاں پیدائشی بھی ہو سکتی ہیں اور کسی حادثہ کے نتیجے میں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔ شریعت نے علاج معالجہ کے سلسلے میں بیماریو ں کے درمیان کوئی تفریق نہیں کی ہے، بلکہ ہر طرح کی بیماری کا مداوا کرنے کا حکم دیا ہے۔
۳۔ کائنات کے دیگر مظاہر کی طرح انسانوں کی تخلیق میں بھی اللہ تعالی کی بے شمار نشانیاں ہیں۔ (الجاثیہ:۴) ان نشانیوں میں سے ایک نشانی یہ ہے کہ اس نے تمام انسانوں کو ایک ہیئت پر نہیں پیدا کیا ہے۔ ان کی تخلیق میں پائے جانے والے فرق اس کی خلّاقی پر دلالت کرتے ہیں۔ اسلامی شریعت میں تشبّہ سے منع کیا گیا ہے۔ تشبّہ کا مطلب ہے دوسرے جیسا بننے کی کوشش کرنا۔ حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں :
لعن رسول اللہ ﷺ المتشبھین من الرجال بالنساء والمتشبھات من النساء بالرجال ۳
رسول اللہﷺ نے عورتوں سے مشابہت اختیار کرنے والے مردوں اور مردوں سے مشابہت اختیار کرنے والی عورتوں پر لعنت فر ما ئی ہے۔
مذکورہ بالا حدیث میں تشبّہ کی صرف ایک صورت کا تذکرہ ہے۔ اس طرح کی دیگر اور بھی جو مشابہتیں ہو سکتی ہیں، وہ شریعت میں مذ موم اورناپسندیدہ ہیں۔
۴۔ اللہ تعالی کی تخلیق میں کوئی تبدیلی لانے کی کوشش کرنے کواسلامی شریعت میں سخت ناپسندیدہ اور شیطانی تحریک کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ سورۂ نساء میں ہے کہ شیطان نے بارگاہ الٰہی میں لعنتی قرار پانے کے بعد اللہ کے بندوں کو جن طریقوں سے گم راہ کرنے کے منصوبے کا انکشاف کیا تھا ان میں سے یہ بھی تھا: وَلَآمُرَنَّھُمْ فَلَیُغَیِّرُنَّ خَلْقَ اللّٰہِ (النساء :۱۱۹) (اور میں انھیں حکم دوں گا تو وہ (میرے حکم سے ) خدائی ساخت میں ردّ و بدل کریں گے )۔ یہ ایک بہت وسیع تعبیر ہے، جس میں انسانی بناوٹ میں تبدیلی لانا بھی شامل ہے۔ ۴
۵۔ انسان اپنی زندگی میں مختلف مراحل سے گزرتا ہے۔ بچپن،جوانی اور بڑھاپا اس کے سفرزندگی کے اہم مرحلے ہیں۔ یہ مراحل اس فطر ت کے عین مطابق ہیں جس پر اللہ تعالی نے اسے پیدا کیا ہے۔ قرآن میں اس مظہر کو اللہ کی نشانی کے طورسے پیش کیا گیا ہے۔ (الروم:۵۴) ایک مرحلہ سے دوسرے مرحلے میں منتقلی کے ساتھ انسان کے بدن میں کچھ تغیرّات واقع ہوتے ہیں۔ یہ تغیرات اللہ تعالی کے طے کردہ قوانین فطرت کا حصہ ہیں۔ انھیں روکنے یا ان میں تبدیلی لانے کی کوشش کرنا بھی ’تغییر خلق اللہ‘ کے مثل ہے۔
۶۔ اسلامی شریعت نے انسانوں کے باہمی معاملات میں سچائی اور اظہار حقیقت کو پسندیدہ رویّہ قرار دیا ہے اور جھوٹ، مکر و فریب، دھو کہ دہی اور غلط بیانی سے روکا ہے۔
پلاسٹک سرجری کی مختلف صورتوں کے بارے میں شرعی حکم
پلاسٹک سرجری سے متعلق مسائل کا تعلق موجودہ دور کے نئے مسائل سے ہے۔ اس لیے قدیم فقہاء کی تحریروں میں ان سے متعلق احکام صراحت سے نہیں مل سکتے۔ اسلام کی مذکورہ بالا اصولی تعلیمات اور قرآن و حدیث اور قدیم فقہاء کی تحریروں کے اشارات سے ان کے احکام معلوم کیے جاسکتے ہیں۔ ذیل میں ان میں سے بعض صورتوں کا تذکرہ کیا جا رہا ہے :
۱۔ خِلقی بد ہیئتی جو عام قانون فطرت کے خلاف ہو۔
بسا اوقات انسان میں پیدائشی طور پر کوئی ایساعیب پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس کی بد ہیئتی نمایاں ہوتی ہے اور وہ عیب عام قانون فطرت کے خلاف ہوتا ہے ، مثلاً ہونٹ یا تالو کٹا ہوا ہو، ہاتھ یا پیر میں زائد انگلی ہو، منہ میں زائد دانت ہو، یا کوئی دانت زیادہ لمبا ہو، یا اس طرح کا اور کوئی عیب۔ کیا ایسی بد ہیئتی کی اصلاح کی جاسکتی ہے ؟
قاضی عیاضؒ (م۵۴۴ھ) فرماتے ہیں کہ اللہ تعالی نے کسی انسان کو جس طرح بھی پیدا کیا ہو اس کے لیے اپنے اعضاء میں کوئی کمی یا تبدیلی کرنا جائز نہیں ہے :
’’جس شخص کے بدن میں کوئی انگلی یا کوئی دوسرا عضو زائد ہو، اس کے لیے اسے کاٹنا یا علیٰحدہ کرنا جائز نہیں ہے، اس لیے کہ یہ اللہ تعالی کی تخلیق میں تبدیلی ہے ‘‘ ۵
یہی بات ابو جعفر طبریؒ (م ۳۱۰ھ) نے زائد یا لمبے دانت کے سلسلے میں کہی ہے۔ ۶
یہ حضرات ان کاموں کو اس صورت میں ناجائز کہتے ہیں جب انھیں محض بد ہیئتی کو دور کرنے کے لیے انجام دیا جائے۔ البتہ اگر ان کی وجہ سے معمول کے کاموں میں رکاوٹ آ رہی ہو،مثلاً زائد یا لمبے دانت کی وجہ سے کھانے میں دشواری ہوتی ہو،یا زائد انگلی سے کوئی جسمانی اذیت لاحق ہوتی ہو تو ان کے نزدیک انگلی کو کٹوایا اور دانت کو نکلوایا جاسکتا ہے۔ طبری فرماتے ہیں :
’’اس سے وہ صورت مستثنیٰ ہے جس سے ضرر اور تکلیف لاحق ہوتی ہو، مثلاً کسی عورت کے منہ میں زائد یا لمبا دانت ہو جس سے وہ صحیح طریقے سے کھانا نہ کھا پاتی ہو،یا زائد انگلی جس سے اسے اذیت یا تکلیف ہوتی ہو تو اس کے لیے انگلی کٹوانا اور دانت اکھڑوانا ہے جائز ہے۔ اس آخری معاملے میں مرد عورت کے مثل ہے ‘‘ ۷
فقہ حنفی میں یہ شرط نہیں لگائی گئی ہے ،البتہ کہا گیا ہے کہ یہ کام اسی وقت کروایا جائے جب اس کی وجہ سے جان کا خطرہ نہ ہو:
’’اگر کوئی شخص اپنی زائد انگلی یا کوئی دوسرا عضو کٹوانا چاہے تو نصیرؒ فرماتے ہیں کہ اگراس سے ہلاکت کا اندیشہ ہو تو نہ کرے اور اگر غالب گمان یہ ہو کہ اس سے ہلاک نہیں ہو گاتواسے کٹواسکتا ہے۔ ‘‘۸
ہمارے خیال میں کسی بد ہیئتی کے ازالہ کے لیے محض جسمانی اذیت اور دشواری ہی کی شرط نہ ہو، بلکہ ذہنی اورنفسیاتی اذیّت کو بھی اسی درجے میں رکھا جانا چاہیے۔ چوں کہ بد ہیئتی عام قانونِ فطرت کے خلاف ہوتی ہے ،اس لیے انسان دوسرے انسانوں کے مقابلے میں خفّت اورسبکی محسوس کرتا ہے۔ اس سے اسے جو ذہنی اور نفسیاتی اذیت محسوس ہوتی ہے وہ جسمانی اذیت سے کم نہیں ہوتی۔ اس لیے اسے اس کے ازالے اور اصلاح کی اجازت دی جانی چاہیے۔
عام قانونِ فطرت کے خلاف پائی جانے والی بد ہیئتی ایک بیماری ہے اور شریعت نے بیماری کا علاج معالجہ کرنے کی نہ صرف اجازت،بلکہ اس کا حکم دیا ہے۔
۲۔ کسی حادثہ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بد ہیئتی
یہ بھی ممکن ہے کہ بد ہیئتی پیدائشی نہ ہو،بلکہ کسی حادثہ کے نتیجے میں ظاہر ہوئی ہو۔ مثلاً کسی ایکسیڈنٹ میں آدمی کی ناک ٹوٹ گئی، یا کان کٹ گیا،یا گھر میں آگ لگ گئی جس سے اس کی جلدجھلس گئی، یا کسی نے گولی ماردی جس سے بدن کے کسی حصے کا گوشت اڑ گیا، یا اس طرح کی کوئی دوسری صورت ہو۔ اس میں آدمی کے بدن میں عیب پہلے نہیں ہوتا،بلکہ حادثاتی طور پر بعد میں ظاہر ہوتا ہے۔ اس طرح کے کسی عیب کے ’بیماری‘ میں شمار کیے جانے میں کوئی شبہ نہیں ہے، اس لیے اس کے علاج کی اجازت ہو گی۔
غزوۂ خندق کے موقع پر دشمنوں کی جانب سے حضرت سعدبن معاذؓ کو ایک تیر آ کر لگا، جس سے ان کے بازو کی ایک رگ زخمی ہو گئی۔ اللہ کے رسول ﷺ نے ان کے لیے مسجدِنبوی میں خیمہ لگوایا اور ان کے علاج معالجہ میں کوئی کسرنہیں اٹھا رکھی۔ ۹
صحابیِ رسول حضرت عرفجہ بن اسعدؓکی ناک عہد جاہلیت میں ہونے والی جنگِ کلاب میں کٹ گئی تھی۔ انھوں نے اس کی جگہ چاندی کی ناک لگوا لی تھی۔ کچھ عرصہ کے بعد جب اس میں بدبو پیدا ہو گئی تو اللہ کے رسول ﷺ نے انھیں سونے کی ناک بنوانے کا مشورہ دیا تھا۔ ۱۰
غزوۂ بدر میں حضرت رافع بن مالکؓ کو ایک تیر آ کرلگاجس سے ان کی آنکھ زخمی ہو گئی۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ’’ رسول اللہ ﷺ نے اس میں اپنا لعابِ دہن لگا دیا اور میرے لیے دعا کی،اس کی برکت سے مجھے اس آنکھ میں ذرا بھی تکلیف محسوس نہیں ہوئی۔ ‘‘۱۱
غزوۂ احد میں ایک نازک موقع پر جو صحابۂ کرام رسول اللہ ﷺ کی حفاظت کے لیے سینہ سپرہو گئے تھے اور انھوں نے اپنے جسموں کو آپؐ کے لیے ڈھال بنا دیا تھا،ان میں حضرت قتادہ بن النعمانؓ بھی تھے۔ انھیں ایک تیر آ کرلگاجس سے ان کی آنکھ باہر آ گئی۔ انھوں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول، میری آنکھ ٹھیک ہو جانے کی دعا کر دیجیے۔ آں حضرتﷺ نے فرمایا: اگر چا ہو تو صبر کرو، اس کے بدلے تمہیں جنت ملے گی اور چا ہو تو میں تمہارے حق میں اللہ سے دعا کروں کہ وہ ٹھیک ہو جائے۔ انھوں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول، جنت بہترین بدلہ اور گراں قدر عطیۂ الٰہی ہے، لیکن مجھے اندیشہ ہے کہ عورتیں مجھے کانا کہیں گی۔ آپ میرے لیے جنت کی بھی دعا فرمائیے اور آنکھ ٹھیک ہو جانے کی بھی۔ حضرت قتادہ کہتے ہیں کہ ’’اللہ کے رسول ﷺ نے میرے لیے دونوں چیزوں کی دعا کی اور میری آنکھ ٹھیک ہو گئی۔‘‘۱۳
ان روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ اگرکسی حادثہ کے نتیجے میں کوئی عیب پیدا ہو جائے تواس کے معاملے میں جسمانی اذیّت کی طرح ذہنی اورنفسیاتی اذیّت کا بھی لحاظ کیا جائے گا،چنانچہ مثال کے طورپراگرکسی شخص کے چیچک کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد اس کے چہرے پر چیچک کے داغ نمایاں ہو گئے ہوں ،چہرہ پر کوئی گہرا زخم لگا،جس کے ٹھیک ہو جانے کے بعد بھی نشانات باقی رہ گئے ہوں ، کسی بدمعاش نے چہرے پر تیزاب پھینک دیا،جس کی وجہ سے وہ جھلس کر بد نما ہو گیا ہو،کینسرکی وجہ سے کسی خاتون کاپستان کاٹ کر نکال دیا گیا ہو،ان تمام صورتوں میں مذکورہ بد ہیئتی کو دور کرنے کے لیے پلاسٹک سرجری کی اجازت ہو گی۔
۳۔ بعض جسمانی ہیئتوں کی تبدیلی
اللہ تعالی نے انسانوں کی تخلیق اس طرح کی ہے کہ سب کو ایک شکل و صورت نہیں عطا کی ہے۔ کسی کو کالا بنایا ہے تو کسی کو گورا، کسی کو موٹا بنایا ہے توکسی کو دبلا، کسی کی ناک اٹھی ہوئی ہے توکسی کی پچکی ہوئی،کسی کی ٹھڈّی ابھری ہوئی ہے توکسی کی دھنسی ہوئی، کسی کے کولہے بھاری بھرکم ہیں توکسی کے دبلے ،کسی کاسینہ زیادہ چوڑا ہے تو کسی کا کم۔ عموماً یہ معمولی فرق اعضاء کے مفوّضہ افعال کی انجام دہی میں بالکل حارج نہیں ہوتے اور انھیں عام قانون فطرت کے خلاف بھی نہیں تصوّر کیا جاتا۔ البتہ ان میں سے بعض ہیئتوں کوپسندیدہ خیال کیا جاتا اور انھیں خوب صورتی کی علامت سمجھا جاتا ہے اور بعض ہیئتوں کو ناپسندیدگی کی نظرسے دیکھا جاتا ہے۔ پلاسٹک سرجری کے ذریعے مذکورہ ہیئتوں میں تبدیلی کی جاسکتی ہے اور اپنے جسم کو من چاہی ہیئت میں ڈھالاجاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس تکنیک سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے اور اس نے ایک زبردست منافع بخش کاروبار کی حیثیت اختیار کر لی ہے۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اسلامی شریعت اس رجحان کوکس نظرسے دیکھتی اوراس کے بارے میں کیا حکم لگاتی ہے ؟
انسان کاجسم اس کے پاس اللہ تعالی کی امانت ہے۔ اللہ نے اعضائے انسانی سے مختلف منفعتیں وابستہ کر رکھی ہیں اور انھیں مخصوص کاموں میں لگا دیا ہے۔ قرآن کریم میں مختلف اعضاء مثلاً آنکھ،کان،زبان،ہونٹ،ہاتھ، پیر،دل،دماغ وغیرہ کا تذکرہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کی حیثیت سے کیا گیا ہے اورانسانوں کو تلقین کی گئی ہے کہ ان نعمتوں پر اللہ تعالی کا شکر ادا کریں اور صرف اسی کی عبادت کریں جس نے انھیں ان بیش بہا نعمتوں سے نوازا ہے۔ اگر وہ اس کی ناشکری کریں گے اور شرک میں مبتلا ہوں گے تو روز قیامت ان سے بازپرس کی جائے گی۔ ۱۳
اس سے یہ تصور ابھرتا ہے کہ انسان اپنے اعضائے جسم کا مالک نہیں ہے کہ ان میں جس طرح چاہے تصرف کرے ،بلکہ اسے صرف انھیں ان کے مفوّضہ کاموں میں استعمال کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس کے برخلاف جو لوگ اپنے اعضائے جسم کی ہیئتوں میں من مانی تبدیلیاں لانے کے لیے پلاسٹک سرجری کراتے یا کرانا چاہتے ہیں، گویا وہ خود کو اپنے جسم و جان کا مالک و مختار تصور کرتے ہیں اور اپنا یہ حق سمجھتے ہیں کہ انھیں اپنی جن پسندیدہ ہیئتوں میں ڈھالنا چاہیں ڈھال لیں۔ یہ تصور صحیح اسلامی تصور کے مغائر ہے، اس لیے شرعی نقطۂ نظرسے اسے جائز نہیں قراردیاجاسکتا۔
اس سے صرف ایک صورت مستثنیٰ ہے اور وہ یہ کہ کسی عضو کی کوئی ہیئت عام قانونِ فطرت کے خلاف ہو،یا اس سے اس کے مفوّضہ کامو ں کی انجام دہی میں دشواری یا رکاوٹ آ رہی ہو۔ مثلاًکسی شخص کے دانت بہت زیادہ باہر کی طرف نکلے ہوئے ہوں، جس سے منہ ٹھیک طریقے سے بند نہ ہوتا ہو،یا کھانا صحیح طریقے سے چبایا نہ جاتا ہو، یا چہرہ بدنما معلوم ہوتا ہو۔ اس کا شمار بیماری میں ہو گا اور پلاسٹک سرجری کے ذریعے اس کی درستگی کی اجازت ہو گی۔
۴۔ عمر بڑھنے کے ساتھ ظاہر ہونے والی ہیئتیں
انسان اپنی زندگی کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے۔ وہ ایک مختصر اور نحیف جسم لے کر پیدا ہوتا ہے۔ پرورش و پرداخت کے نتیجے میں اس کے اعضاء کا حجم بڑھتا ہے۔ ان میں طاقت اورچستی پیدا ہوتی ہے ،یہاں تک کہ جوانی میں وہ ہرپہلوسے مکمل ہو جاتے ہیں۔ پھر ان کا انحطاط شروع ہوتا ہے۔ آہستہ آہستہ ان کی طاقت کم ہوتی جاتی ہے اور چستی کی جگہ ڈھیلا پن بڑھنے لگتا ہے ،یہاں تک کہ بڑھاپے میں وہ کم زوری اور بے بسی کی اسی حالت کو پہنچ جاتا ہے ،جس سے اپنے بچپن میں دو چار تھا۔ یہ قانونِ فطرت ہے جس سے ہرانسان کاسابقہ پیش آتا ہے۔ قرآن کریم میں متعدد مقامات پر ان مراحل حیات کا تذکرہ آیا ہے۔ ۱۴
عمر بڑھنے کے ساتھ انسانی اعضاء کی ہیئتوں میں ہونے والی تبدیلیاں فطری ہیں۔ ان تبدیلیوں کو روکنے یا ان اعضاء کی ہیئتوں کو من پسند ہیئتوں میں بدلوانے کی کوشش کرنا فطرت سے بغاوت کے مترادف ہے۔ یہ اللہ کی خلقت میں تبدیلی ہے جسے شیطانی تحریک کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ اس بنا پر خواتین کا بڑھاپے کے نتیجے میں پستانوں میں پیدا ہونے والے ڈھیلے پن یا ہاتھوں اور چہرہ پر ظاہر ہونے والی جھرّیوں کو دور کرنے کے لیے پلاسٹک سرجری کرانا اسلامی شریعت کی روسے جائز نہ ہو گا۔ البتہ اگرکسی شدید بیماری کی وجہ سے جوانی میں یہ عوارض ظاہر ہو گئے ہوں اور دواؤں سے انھیں دور نہ کیا جاسکتا ہو، ان کے ازالہ کی واحد صورت پلاسٹک سرجری ہو تو اس صورت میں اس تکنیک سے فائدہ اٹھا کر ان عوارض کو دور کرنے کی اجازت ہو گی۔
۵۔ کم عمر یا خوب صورت نظر آنے کے لیے پلاسٹک سرجری کرانا
انسان کی فطری خواہش ہوتی ہے کہ وہ خوب صورت دکھائی دے اوراس کا ظاہر دوسرے انسانوں کی نگاہ میں بھلا معلوم دے۔ اس کے لیے وہ مختلف تدابیر اختیار کرتا ہے۔ شریعت نے نہ صرف اس کا اعتبار کیا ہے بلکہ اس کو پسندیدہ قرار دیا ہے اور انسانوں کو زیب و زینت اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے :
یٰبَنِیٓ اٰدَمَ خُذُوْازِیْنَتَکُمْ عِنْدَکُلِّ مَسْجِد۔ ٍ(الاعراف:۳۱)
اے بنی آدم،ہر عبادت کے موقع پر اپنی زینت سے آراستہ رہو۔
ایک موقع پر اللہ کے رسول ﷺ نے صحابۂ کرام کو غرور و تکبر کے برے انجام سے ڈراتے ہوئے فرمایا:’’وہ شخص جنت میں نہیں جائے گاجس کے دل میں ذرّہ برابر بھی تکبّر ہو‘‘ یہ سن کر ایک شخص نے دریافت کیا:آدمی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا کپڑا اچھا ہو، اس کا جوتا اچھا ہو( کیا اس کا شمار بھی تکبّر میں ہو گا؟)آپﷺ نے فرمایا:
ان اللہ جمیل یحب الجمال، الکبربطرالحق وغمط الناس۱۵
اللہ خوب صورت ہے اور خوب صورتی کو پسندکرتا ہے (ظاہری زیب و زینت اختیار کرنا تکبر نہیں ہے )تکبر یہ ہے کہ حق کو ٹھکرایا جائے اور دوسروں کو حقیر سمجھا جائے۔
حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کودیکھاجس کے بال پراگندہ اور بکھرے ہوئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا:’’کیا یہ شخص کوئی ایسی چیز نہیں پاتا جس سے اپنے بالوں کودرست کر لے۔ ‘‘اسی طرح آپؐ نے ایک شخص کو میلے کچیلے کپڑوں میں دیکھا تو فرمایا ’’کیا اسے کوئی چیز نہیں ملتی جس سے اپنے کپڑے دھو لے ؟۱۶
لیکن خوب صورتی اختیار کرنے کی تدابیر کو شریعت نے حدود کا پابند بنایا ہے۔ اس کے نزدیک حسن و جمال میں اضافہ کے لیے خارجی تدابیر اختیار کی جاسکتی ہیں، لیکن جسم کے اعضاء یا ان کی ہیئتوں میں کوئی تبدیلی کرانا جائز نہیں ہے۔ احادیث میں ایسی کئی چیزوں سے صراحت کے ساتھ روکا گیا ہے جو صدرِ اسلام میں عربوں کے درمیان حسن و جمال میں اضافہ کے لیے رائج اور معروف تھیں۔
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں :
لعن رسول اللہ ﷺ الواشمات الموتشمات والمتنمّصات والمتفلّجا ت للحسن المغیّرات۔ ۱۷
اللہ کے رسول ﷺ نے لعنت کی ہے ان عورتوں پر جو (جسموں پر) گودتی ہیں اور گودواتی ہیں،اور بھوں کے بال اکھیڑتی ہیں اور خوب صورتی کے لیے دانتوں کے درمیان فاصلہ پیدا کرتی ہیں۔ یہ عورتیں (اللہ تعالیٰ کی تخلیق میں ) تبدیلی کرنے والی ہیں۔
محدثین نے صراحت کی ہے کہ یہ کام عرب میں عورتیں حسن میں اضافہ کے لیے انجام دیتی تھیں۔ ان کے ذریعے بڑی عمر کی عورتیں جوان عورتوں سے مشابہت اختیار کرنے کی کوشش کرتی تھیں۔ چند تصریحات ملاحظہ ہوں :
امام نو ویؒ(۶۷۶ھ)نے لکھا ہے :
’’فلج کے معنی ہیں ثنایا اور رباعیات نامی دانتوں کے درمیان فاصلہ ہونا۔ متفلّجات سے مراد وہ عورتیں ہیں جوان دانتوں کوگھس کران کے درمیان فاصلہ پیدا کرتی ہیں۔ یہ کام بوڑھی اور بڑی عمر کی عورتیں کرتی تھیں، تاکہ وہ کم عمر دکھائی دیں اور ان کے دانت خوب صورت لگیں۔ دانتوں کے درمیان معمولی فاصلہ فطری طور پر چھوٹی بچیوں میں ہوتا ہے۔ جب عورت بوڑھی ہو جاتی ہے ،اس کی عمر زیادہ ہو جاتی ہے اوراس کے دانتوں میں یہ فاصلہ باقی نہیں رہتا تو وہ انھیں ریتی سے گِھستی ہے ،تاکہ ان کے درمیان کچھ فاصلہ ہو جائے ،وہ خوب صورت دکھائی دینے لگے اوردوسرے اسے دیکھ کر کم عمر سمجھیں ‘‘۱۸
حافظ ا بن حجرؒ(م۸۵۲ھ) فرماتے ہیں :
’’متفلجات سے مراد وہ عورتیں ہیں جو ثنایا اور رباعیات نامی دانتوں کے درمیان فاصلہ پیدا کرتی تھیں۔ عورت اس کو حسن کی علامت سمجھتی تھی۔ یہ کام وہ عورت کرتی تھی جس کے دانت ملے ہوئے ہوتے تھے، تاکہ ان کے درمیان کچھ فاصلہ ہو جائے۔ بسا اوقات ایسابڑی عمر کی عورت کرتی تھی،تاکہ دوسرے اسے دیکھ کر کم عمر سمجھیں، کیوں کہ کم عمر عورت کے دانت اکثر الگ الگ اور چمک دار ہوتے ہیں۔ بڑی ہونے پر اس کے دانتوں میں یہ خاصیت باقی نہیں رہتی ‘‘۱۹
مذکورہ بالا حدیث میں المتفلجات کے ساتھ للحسن بھی مذکور ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ افعال اس صورت میں مذموم ہیں جب انھیں حسن میں اضافہ کے مقصد سے انجام دیا جائے ،لیکن اگر ان کاسبب کوئی دوسرا ہو تو ان کی ممانعت نہ ہو گی۔
حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے یہی تشریح مروی ہے۔ فرماتے ہیں :
لُعنت الواصلۃ والمستوصلۃ والنامصۃ والمتنمّصۃ والواشمۃ والمستوشمۃ من غیرداء۔ ۲۰
بالوں میں بال جوڑنے والی، بھوں کے بال اکھیڑنے والی اور اکھڑوانے والی، جسم پر گودنے والی اورگودوانے والی پر لعنت کی گئی ہے ، اس صورت میں جب یہ کام بغیر کسی مرض کے انجام دیے جائیں۔
محدثین نے بھی صراحت کی ہے کہ یہ کام اسی صورت میں مذموم ہیں جب انھیں حسن میں اضافہ کے لیے انجام دیا جائے۔ علاج معالجہ کے مقصدسے ان کی انجام دہی میں کوئی حرج نہیں ہے۔
حافظ ابن حجرؒنے لکھا ہے :
’’حدیث کے الفاظ ہیں المتفلجات للحسن اس سے یہ بات سمجھ میں آ رہی ہے کہ قابل مذمّت وہ عورت ہے جواس کام کوحسن میں اضافہ کے مقصدسے کرے، لیکن اگراسے اس کی ضرورت کسی اور مقصد سے، مثلاً علاج کے لیے پیش آئے تواس کے لیے ایسا کرنا جائز ہے۔ ‘‘۲۱
علامہ عینیؒ(م۸۵۵ھ)فرماتے ہیں :
’’للحسن میں لام علّت کا ہے۔ (یعنی مذمّت اس صورت میں ہے جب اسے حسن میں اضافہ کے لیے کیا جائے۔ )اس سے وہ صورت مستثنیٰ ہے جس میں وہ کام علاج معالجہ یا اس جیسی کسی اور ضرورت سے انجام دیا جائے ‘‘ ۲۲
شریعت میں یہ کام کیوں ممنوع قرار دیے گئے ہیں ؟علماء نے اس کی بھی وضاحت کی ہے۔ قرطبیؒ(م ۶۷۱ھ) فرماتے ہیں :
’’سببِ نہی کے سلسلے میں متعدد اقوال ہیں۔ بعض حضرات کا کہنا ہے کہ اس سے اس وجہ سے روکا گیا ہے، کیوں کہ یہ دھوکہ (تدلیس) کے قبیل سے ہے۔ ایک قول یہ ہے کہ یہ اللہ تعالی کی خلقت میں تبدیلی ہے۔ یہ قول حضرت ابن مسعودؓ سے مروی ہے۔ یہ زیادہ صحیح ہے۔ اس میں اول الذکر قول بھی شامل ہے ‘‘۲۳
امام نوویؒ نے لکھا ہے :
’’مذکورہ احادیث میں اس فعل کو حرام قرار دیا گیا ہے ،اس لیے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی خلقت میں تبدیلی ہے ’تدلیس‘ (دھوکہ) ہے ’تزویر‘ (فریب) ہے۔ ‘‘۲۴
مذکورہ بالا حدیث میں المتنمّصات (بھوں کے بال اکھیڑنے والی عورتوں ) پر بھی لعنت کی گئی ہے۔ یہ ممانعت بھی اسی صورت میں ہے جب یہ کام محض فیشن اور اضافۂ حسن کے مقصدسے کیا جائے ،لیکن اگر عورت کے چہرے پر غیر ضروری بال اگ آئیں تو وہ انھیں زینت اختیار کر نے کے مقصدسے اکھیڑسکتی ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ ایک عورت نے حضرت عائشہؓ سے دریافت کیا:اے ام المومنین،میرے چہرے پر کچھ بال اگ آئے ہیں۔ کیا میں اپنے شوہر کے لیے زینت اختیار کرنے کے مقصدسے انھیں اکھیڑسکتی ہوں ؟حضرت عائشہؓ نے فرمایا:’’اس تکلیف دہ چیز کو اپنے جسم سے الگ کر دو‘‘۔ ۲۵
فقہائے کرام نے بھی صراحت کی ہے کہ اگر عورت کے چہرے پر غیر طبعی طورسے بال اگ آئیں تو وہ انھیں بلا کراہت صاف کر سکتی ہے۔
علامہ ابن عابدین حنفیؒ (م۱۲۵۲ھ)فرماتے ہیں :
’’بال اکھیڑنے کی ممانعت اس پر محمول ہے کہ عورت اس کام کو غیروں کے لیے زینت اختیار کرنے کے مقصدسے انجام دے، ورنہ اگراس کے چہرے پر کچھ بال ہوں جن سے اس کے شوہر کو تنفّر ہوتا ہو،تو ان کے ازالہ کو ممنوع قرار دینا صحیح نہیں۔ اس لیے کہ عورتوں کا زینت اختیار کرنا مطلوب ہے۔۔۔ چہرے کے بالوں کو صاف کرنا حرام ہے ،لیکن اگر عورت کے چہرے پر داڑھی یا مونچھ اگ آئے تواسے صاف کرانا ممنوع نہیں،بلکہ مستحب ہے۔ ‘‘۲۶
مالکیہ نے بھی صراحت کی ہے کہ جن (غیر ضروری)بالوں کو صاف کرنے میں عورت کاحسن ہو انھیں صاف کرنا ضروری ہے۔ چنانچہ اگر عورت کو داڑھی اگ آئے تو وہ اسے صاف کرے گی اور جن بالوں کو باقی رکھنے میں اس کاحسن ہے انھیں باقی رکھے گی۔ شوافع کہتے ہیں کہ اگر شوہر عورت کوجسم کے غیر ضروری بال صاف کرنے کا حکم دے تواس کے لیے ایسا کرنا واجب ہے۔ ۲۷
علامہ ابن قدامہ حنبلیؒ (م۶۲۰ھ)نے لکھا ہے :’’امام ابو عبداللہ (احمد بن حنبلؒ) سے چہرے کے بال صاف کرانے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے فرمایا: عورتوں کے لیے ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ،البتہ مردوں کے لیے مکروہ ہے۔ ‘‘۲۸
اس تفصیل سے واضح ہوا کہ کم عمر لگنے یاحسن و جمال میں اضافہ کے مقصدسے پلاسٹک سرجری کرانا اسلامی شریعت کے نقطۂ نظر سے جائز نہیں ہے۔ حسن و جمال کا ایک اوسط معیار ہے۔ کوئی عورت اس معیارسے اپنے آپ کو فروتر پائے اوراس کی بدصورتی و بد ہیئتی نمایاں ہو تو وہ اوسط معیار تک پہنچنے کے لیے پلاسٹک سرجری کراسکتی ہے۔ لیکن حسن و جمال کے اعلی اور اپنے پسندیدہ معیار تک پہنچنے کے لیے پلاسٹک سرجری کرانا شریعت کی نگاہ میں مطلوب ومستحب نہیں ہے۔
۶۔ شناخت چھپانے کے لیے پلاسٹک سرجری کرانا:
بسا اوقات انسان کو کسی وجہ سے حکم رانوں کے مظالم کا شکار ہونے کا شدید اندیشہ رہتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ ان کی گرفت میں نہ آئے ، ورنہ وہ اسے ناقابل برداشت اذیّتوں سے دوچار کریں گے۔ کیا ایسی صورت میں اسے اپنی شناخت چھپانے کے لیے پلاسٹک سرجری کرانے کی اجازت ہو گی؟اسلامی شریعت کی مجموعی تعلیمات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں جھوٹ،مکر و فریب اور دھوکہ دہی کوناپسندیدہ کاموں میں شمار کیا گیا ہے اور ان سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔ اسلام کا عمومی مزاج یہ ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ کوئی بھی فرد اسی طرح دکھائی دے جس طرح وہ حقیقت میں ہے۔ بہروپیا بننا اورسوانگ بھرنا اس کے نزدیک پسندیدہ نہیں ہے۔ ایک عورت نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول،میری ایک سوکن ہے۔ کیا میرے اوپر گناہ ہو گا اگر میں اس کے سامنے یہ اظہار کروں کہ میرے شوہر نے مجھے فلاں فلاں چیزیں دی ہیں،حالاں کہ حقیقت میں اس نے وہ چیزیں نہ دی ہوں ؟آپؐ نے فرمایا:
المتشبّع بمالم یعط کلابس ثوبی زورٍ ۲۹
جسے کوئی چیز حاصل نہ ہو اور وہ اس کے حاصل ہونے کا اظہار کرے وہ اس شخص کی طرح ہے جو جھوٹ و فریب کے کپڑے پہنے ہوئے ہو۔
اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ آدمی حق پر ثابت قدم رہے اوراس راہ میں جو کچھ آلام و مصائب آئیں انھیں خندہ پیشانی سے برداشت کرے۔ اس پروہ بارگاہ الٰہی میں اجرو ثواب کامستحق ہو گا۔ شریعت نے اس کی بھی اجازت دی ہے کہ اگر تکالیف اس کے لیے ناقابل برداشت ہوں تو وہ خلاف حقیقت بات زبان پرلاسکتا ہے۔ (آل عمران: ۲۸، النحل:۱۰۶) شریعت اس کی بھی اجازت دیتی ہے کہ ظلم و تعدّی سے بچنے کے لیے وہ راہِ فرار اختیار کر سکتا اور کہیں چھپ سکتا ہے۔ صلح حدیبیہ کے بعد حضرت ابو بصیرؓ اور مکہ میں رہنے والے دیگر متعددمسلمانوں نے اہل مکہ کی گرفت سے بچنے کے لیے ایک مقام پر پناہ لے لی تھی۳۰ لیکن شناخت چھپانے کے لیے پلاسٹک سرجری کروانے میں متعدداسبابِ نہی جمع ہیں۔ اس میں تزویر(فریب) و تدلیس (دھوکہ) کے ساتھ اللہ کی خلقت میں تبدیلی بھی ہے ،اس لئے اسے جائز نہیں قراردیاجاسکتا۔
خلاصۂ بحث
گزشتہ صفحات میں کی گئی پوری بحث کا خلاصہ یہ ہے کہ پلاسٹک سرجری کی وہ تمام صورتیں جائز ہیں جو علاج معالجہ کے قبیل سے ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر صورتیں (مثلاً کم عمر دکھائی دینے ،حسن و جمال میں اضافہ کرنے یا شناخت چھپانے کے مقصدسے پلاسٹک سرجری کرانا) جائز نہیں ہیں۔
حواشی و مراجع
۱ اس موضوع پر تفصیلی معلومات کے لیے ملاحظہ کیجیے :
Santoni-Rugiu, Paolo. A History of Plastic Surgery, Springer, 2007
Haiken, Elizabeth. Venus Envy: A History of Cosmetic Surgery. Johns Hopkins University Press, 1997
۲ جامع الترمذی،ابواب الطب،باب ماجاء فی الدواء والحثّ علیہ،۲۰۳۸،سنن ابی داؤد،کتاب الطب،باب فی الرجل یتداوی، ۳۸۵۵،اس مضمون کی مزید احادیث کے لیے ملاحظہ کیجئے موطا امام مالک :۳۹۹۶، بخاری: ۵۶۷۸، مسلم:۲۲۰۴، مسنداحمد:۳۷۷/۱،۴۱۳، ۲۷۸/۴،۳۲۷، ۲۰۱/۵،۳۷۱
۳ صحیح بخاری،کتاب اللباس،باب المتشبھون بالنساء والمتشبھات بالرجال، ۵۸۸۵، مزید ملاحظہ کیجئے بخاری: ۵۸۸۶، ۶۸۳۴، ابوداؤد: ۴۰۹۷، ۴۰۹۹، ترمذی: ۲۷۸۴، ابن ماجہ :۱۹۰۴
۴ اس آیت میں ’تغیرخلق اللہ‘ سے کیا مراد ہے ؟اس سلسلے میں مفسرین کے بہت سے اقوال ہیں۔ ان میں سے ایک قول حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ اور حضرت حسن بصریؒ کا ہے کہ اس سے مراد اللہ کی خلقت میں تبدیلی ہے۔ تمام اقوال کی تفصیل کے لیے ملاحظہ کیجئے :کتب تفسیر میں متعلقہ آیت کی تفسیر
۵ قرطبی،الجامع الاحکام القرآن،الھیئۃالمصریۃ العامۃ للکتاب،۱۹۸۷ء،۳۹۳/۵
۶ ابن حجرعسقلانی، فتح الباری بشرح صحیح البخاری،دارالمعرفۃ بیروت،۳۷۷/۱۰۔
۷ ابن حجر،۳۷۷/۱۰،قرطبی،۳۹۳/۵
۸ الفتاوی العالمکیریۃ (الفتاوی الھندیۃ)المطبعۃ الکبریٰ الامیریۃ،بولاق مصر ۱۲۱۰ھ، ۳۶۰/۵
۹ صحیح بخاری،کتاب المغازی،باب مرجع النبیﷺ من الاحزاب،۴۱۲۲
۱۰ سنن ابی داؤد،کتاب الخاتم،باب ماجاء فی ربط الاسنان بالذھب، ۴۲۳۲، مزید ملاحظہ کیجئے ترمذی: ۱۷۷۰، نسائی: ۵۱۶۱،۵۱۶۲۔ علامہ البانیؒ نے اس روایت کوحسن قراردیا ہے۔
۱۱ ابن کثیر، البدایۃ والنہایۃ، دارالریان للتراث القاہرۃ، ۱۹۸۸ء، ۲۹۲/۳، بہ حوالہ طبرانی
۱۲ علی بن برہان الدین الحلبی، انسان العیون فی سیرۃ الامین المامون المعروف بالسیرۃ الحلبیۃ، المکتبۃ الاسلامیۃ، بیروت، ۲۵۲/۲
۱۳ ملاحظہ کیجئے آیات :الانعام :۴۶،الاعراف:۱۷۹،۱۹۵،النور:۲۴،الحج : ۴۶، یس:۳۵، ۶۵،ق:۳۷،البلد:۸۔ ۹وغیرہ۔
۱۴ ملاحظہ کیجئے ،النحل:۷۰،الحج:۵، الروم :۵۴، یٓسٓ:۶۸، المومن: ۶۷
۱۵ صحیح مسلم،کتاب الایمان،باب تحریم الکبروبیانہ،۹۱
۱۶ سنن ابی داؤد،کتاب اللباس،باب فی غسل الثوب وفی الخلقان ۴۰۶۲
۱۷ سنن نسائی،کتاب الزینۃ،باب المتنمّصات،۵۰۹۹،سنن ابن ماجہ،کتاب النکاح، باب الواصلۃ والواشمۃ،۱۹۸۹۔ علامہ البانی نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ سنن نسائی میں کچھ اور روایتیں ہیں جن میں حضرت عبداللہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے سننے کی صراحت کی ہے (۵۱۰۷، ۵۱۰۸،۵۱۰۹)علامہ البانیؒ نے ان روایتوں کوحسن صحیح قرار دیا ہے۔ صحیح بخاری کی ایک روایت (۵۹۳۹)میں حضرت علقمہؒ سے مروی ہے کہ ’’حضرت عبداللہ نے لعنت کی ہے۔۔۔ ‘‘اور دیگر متعدد روایتوں میں حضرت عبداللہ فرماتے ہیں کہ ’’اللہ نے لعنت کی ہے۔۔۔ ‘‘(ملاحظہ کیجئے بخاری: ۴۸۸۶، ۵۹۳۱، ۵۹۳۹،۵۹۴۳، ۵۹۴۸، مسلم: ۲۱۲۵، ابوداؤد: ۴۱۶۹، ترمذی: ۲۷۸۲، دارمی:۲۶۴۷،احمد،۴۳۴/۱،۴۴۳،۴۵۴
۱۸ نو وی،شرح صحیح مسلم،دارالریان للتراث القاہرۃ ۱۹۸۷ء،۱۰۶/۱۴۔ ۱۰۷
۱۹ فتح الباری،۳۷۲/۱۰
۲۰ سنن ابی داؤد،کتاب الترجل،باب صلۃ الشعر،۴۱۷۰
۲۱ فتح الباری،۳۷۲/۱۰۔ ۳۷۳
۲۲ بدرالدین عینی،عمدۃ القاری شرح صحیح البخاری،مطبعۃ مصطفی البابی الحلبی مصر ۱۹۷۲ء،۹۵/۸۱
۲۳ قرطبی،الجامع لاحکام القرآن،۵۹۳/۵
۲۴ شرح مسلم نو وی،۱۰۷/۱۴
۲۵ عبدالرزاق،المصنف،تحقیق وتخریج: حبیب الرحمٰن الاعظمی،المکتب الاسلامی بیروت ۱۹۸۳ء،۱۴۶/۳
۲۶ ابن عابدین،ردالمحتارعلی الدرالمختار،مطبع در سعادت،مصر،۳۲۸/۵
۲۷ الفواکہ الدوانی،۴۰۱/۲،حاشیہ القلیوبی،۲۵۲/۳بحوالہ الموسوعۃ الفقھیۃ الکویت، ۲۷۳/۲۱۔ ۲۷۴
۲۸ ابن قدامۃ،المغنی،مکتبۃ الریاض الحدیثۃ الریاض ۱۹۸۱،۹۱/۱
۲۹ صحیح بخاری،کتاب النکاح،باب المتشبع بمالم ینل،۵۲۱۹،صحیح مسلم،کتاب اللباس والزینۃ،باب النھی عن التزویرفی اللباس،۳۰ ۲۱
۳۰ ا بن ہشام،سیرۃ النبیﷺ ،المکتبۃ التجاریۃ الکبری،مصر،۱۹۳۷ء،۳۷۲/۳۔ ۳۷۳
٭٭٭
اجازت اور فائل کی فراہمی کے لئے تشکر: محمد نیاز احمد شریف
ان پیج سے تبدیلی، پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
پلاسٹک سرجری۔ اسلامی نقطۂ نظر
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
تاریخی پس منظر
انسان فطری طور پر چاہتا ہے کہ وہ صحت مند رہے ،اسے کوئی بیماری لاحق نہ ہو، اس کے اعضائے بدن ٹھیک طریقے سے کام کرتے رہیں،ان کے افعال میں کوئی نقص و خلل واقع نہ ہو،ظاہری طور پر بھی ان میں کوئی عیب دکھائی نہ دے اوراس کی شخصیت پرکشش اور جاذب نظر معلوم ہو۔ یہی وجہ ہے کہ اگرکسی سبب سے اس کے کسی عضو میں بد ہیئتی پیدا ہو جائے تو وہ اس کے ازالے کی کوشش کرتا ہے اور اگر وہ عضو اپنا مفوّضہ کام کرنا بند کر دے یا اس میں کمی آ جائے تواسے درست کرنے کی تدابیر اختیار کرتا ہے۔
دنیا کی تمام قوموں میں علاج معالجہ کی جن اولین تدابیرکاسراغ ملتا ہے ان میں اس پہلو کے بھی اشارے پائے جاتے ہیں۔ مورخین کے مطابق ہندوستان میں دو ہزار سال قبل مسیح اس عمل کا پتا چلتا ہے۔ مشہورہندوستانی طبیب سشرت (Sushruta) نے (جس کا زمانہ چھٹی صدی قبل مسیح بتایا جاتا ہے )پلاسٹک سرجری کے میدان میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ قدیم مصری طب میں بھی چہرے کے عمل جراحی سے متعلق بعض تفصیلات ملتی ہیں۔ اسی طرح پہلی صدی قبل مسیح میں رومی طب میں اس مخصوص عمل جراحی کی سادہ تکنیک کاسراغ ملتا ہے۔ یہ لوگ زخمی اور کٹے ہوئے کان کی اصلاح اوردرستگی کا کام انجام دیتے تھے۔ اس طریقۂ علاج میں ہندوستانی اطباء کی مہارت سے دیگر ممالک میں بھی فائدہ اٹھایا گیا۔ سشرت اور چرک (Charaka b.300BC) کی طبّی تصانیف کاعباسی عہد خلافت میں عربی میں ترجمہ کیا گیا۔ ان سے عرب اطباء واقف ہوئے، پھر یہ ترجمے یورپ پہنچے تو ان سے بھر پور استفادہ کیا گیا۔ بیان کیا جاتا ہے کہ اٹلی میں Branca Family of Sicily (15th Century) اور Gaspare Taglia Cozzi (Bologna)سشرت کی تکنیک سے بہ خوبی آگاہ تھے۔ اٹھارہویں صدی کے اواخر میں کچھ برطانوی طبیبوں نے ہندوستان کاسفرکیا،تا کہ ناک کی پلاسٹک سرجری کا مشاہدہ کریں،جو یہاں مقامی طریقوں سے انجام دی جاتی تھی۔ اس کی رپورٹیں Gentleman's Magazine میں شائع ہوئیں۔ اسی طرح پلاسٹک سرجری کے مقامی طریقوں کا مطالعہ کرنے کے لیے Joseph Constantine Carpue(1764-1846) نے ہندوستان میں بیس سال گزارے۔ چوں کہ عمل جراحی میں بہت زیادہ خطرات تھے ،خاص طورسے اس صورت میں جب معاملہ سر اور چہرے کا ہو، اس لیے ناگزیر حالت ہی میں اس کو انجام دیا جاتا تھا۔
انیسویں صدی میں پلاسٹک سرجری کو کچھ زیادہ رواج ملا اور اس میدان میں نئی نئی تکنیکیں ایجاد ہوئیں اور نئے نئے تجربات کیے گئے۔ اس کا اندازہ درج ذیل تجربات سے بہ خوبی کیاجاسکتا ہے جنھیں اس میدان کے اہم سنگ ہائے میل کہنا بے جا نہ ہو گا۔
۱۸۱۵ء میں Joseph Carpue نے ایک برطانوی فوجی آفیسرکی پلاسٹک سرجری کی جو mercury treatment کے سمّی اثرات کے نتیجے میں اپنی ناک گنوا بیٹھا تھا۔
۱۸۱۸ء میں جرمن سرجن Carl Ferdinand Von Graefe (1787-1840) نے اپنی کتاب Rhinoplastic شائع کی۔ اس میں اس نے اطالوی طریقۂ جراحی میں تبدیلی کرتے ہوئے Original Delayed Pedicle Flap کے بجائے بازو کی کھال لگا نے (Free Skin graft) کا طریقہ ایجاد کیا۔
۱۸۲۷ء میں امریکن سرجن Dr. John Peter Mattauer(1787-1875) نے اپنے ہی تیار کردہ آلات سے تالو میں شگاف (Cleft Palate) کا پہلا آپریشن کیا۔
۱۸۴۵ء میں Johann Friedrich Dieffenbach(1792-1847) نے ناک کی پلاسٹک سرجری پر ایک مبسوط تحریر لکھی جس کا عنوان Operatiue Chirurgie تھا۔ اس میں اس نے اصلاح شدہ ناک کے جمالیاتی مظہر کو بہتر بنانے کے لیے دوبارہ آپریشن کا تصور پیش کیا۔
۱۸۸۹ء میں امریکن سرجن George Monks(1853-1933) نے درمیان میں پچکی ہوئی ناک (Saddle nose) کے نقص کو دور کرنے کے لیے دوسرے مقام کی ہڈی استعمال کرنے (Heterogeneous free bone grafting) کا کامیاب تجربہ کیا۔
۱۸۹۱ء میں کان، ناک اور حلق کے امراض کے امریکی ماہر John Orlando Roe (1848-1915) نے ایک نوجوان خاتون کی ناک کے پچھلے ابھار کو کم کرنے کے لیے آپریشن کیا۔
۱۸۹۲ء میں Robert weir نے پچکی ہوئی ناک (Sunken nose) درست کرنے کے لیے بطخ کے سینے کی ہڈی (Duck sternum) استعمال کرنے کا تجربہ (Xenograft) کیا، لیکن اس میں اسے کامیابی نہیں ملی۔
۱۸۹۶ء میں جرمن سرجن (1848-1926) James Adolf Israel نے امریکن سرجن George Monks کے مثل ناک کے نقص کو دور کرنے کے لیے دوسرے مقام کی ہڈی استعمال کی۔
۱۸۹۸ء میں جرمن آرتھو پیڈک سرجن Jacques Joseph(1843-1907) نے ناک کے ابھار کو کم کرنے (Reduction Rhinoplasty) کا اپنا پہلا تجربہ شائع کیا۔
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)