دین و مذہب

پیراہن فکر

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (2,840 الفاظ)

پیراہنِ فِکر

رفیع الدین راز

میری شاعری کا جواز

رفیع الدین راز

میرا تیسرا شِعری مجموعہ ’’پیراہَنِ فکر‘‘ آپ کے سامنے ہے میرے اعصاب نے اِس سَفر میں میرا کہاں تک سَاتھ دیا ہے اس کا فَیصلہ اَدب کے قاری کو کرنا ہے جس کے لئے ایک مدّت دَرکار ہے میں تو صرف اتنا جانتا ہُوں کہ ’’دیدۂ خوش خواب‘‘ کی پذیرائی نے میرے فکر کو جو اعتماد بخشا تھا وہ آج بھی قائم ہے بلکہ ’’بینائی‘‘ کے بعد اس میں اور اضافہ ہوا ہے۔ یہی سبَب ہے کہ مَیں مسلسل شعر کہہ رہا ہُوں۔ میری فکر کی تشنگی اَور روح کا اضطراب میری شاعری کا جواز ہیں۔ جَب تک میرے باطن میں یہ جواز موجود ہے میں شاعری کرتا رہوں گا۔ اب تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ زندگی اور شاعری کی شام ایک ساتھ ہی وقوع پذیر ہو گی۔
انشاء اﷲ۔ یہ بات میں اس لئے کہہ رہا ہُوں کہ میری نظر میں شاعری اور زندگی دونوں لازم و ملزوم ہیں۔ اس کا اطلاع ہر شاعر پر ہوتا ہے کسِی کو اس کا ادراک حاصل ہے اور کسی کو نہیں اسی فرق کے سبَب مختلف شعرا، رہ گزارِ شاعری کی مختلف منزلوں پر دکھائی دیتے ہیں۔ اﷲ تعالیٰ جب کسی کو شاعر بناتا ہے تو اسے عام انسانوں سے مختلف ذہن و فکر عطا کرتا ہے۔

اسی عطا ئے خاص کے سبَب شاعر، زندگی اور اس سے متعلق اس کائنات کومختلف زاویۂ نظر سے دیکھتا ہے جہاں پروہ گروہِ عوام سے الگ حلقۂ خواص میں شامل دکھائی دیتا ہے۔ کسی منظر کا مشاہدہ کرتے وقت ایک بات کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے وہ یہ کہ رفتار میں تیزی نہ ہو اور آپ عجلت میں نہ ہوں۔ وگر نہ آپ حلقۂ خواص میں ہوتے ہوئے بھی گروہِ عوام کا فرد کھلائیں گے۔ یہ بڑا صبر آزما کام ہے اور بغیر ودیعتِ خداوندی ممکن بھی نہیں کیونکہ شاعر کا تو ایک ایک سانس مشاہدے میں گزرتا ہے لہٰذا اسے اپنی رفتار میں توازن رکھنا ناگزیر ہے۔
تو بھی آئینہ بکف آیا ہے اے لمحۂ وقت
مجھ سے مل کر ابھی اک آئینہ بردار گیا
جہاں لمحہ لمحہ آئینہ دکھا رہا ہو وہاں تیز رفتاری کا تصور سراسر احمقانہ فعل ہے ہیں سوچنا چاہیئے کہ ہمارے اعصاب آخر تیز رفتاری کا ساتھ کب تک دیں گے۔ شاعر کو زندگی کی آخری سانس تک اپنی فطری رفتار میں سفر کرنا چاہیئے۔ خُدا کا شکُر ہے کہ میں نے کبھی اس رفتار سے تجاوز کرنے کی کوشش نہیں کی۔
مجھے جہاں بھی ٹھہرنے کی ضرورت محسوس ہوئی وہاں میں ٹھہرا ہوں اس سے قطع نظر کہ ساتھ چلنے والوں نے دوڑ کر کتنا راستہ طے کر لیا ہے۔
اِس کتاب کی اشاعت میں جن دوستوں نے تعاون کیا ہے ان میں جناب شاداب احسانی جناب نثار ترابی، جناب امتیاز ساغر، انجم جاوید، ضیاء خان ضیاء اور خالد محمود کے نام قابلِ ذکر ہیں میں ان کا شکر گزار ہوں۔ میں اپنے عہد کے ان تمام اہلِ اور قاری کا بھی ممنون ہُوں جنہوں نے میری فکر کو اعتماد بخشا۔

اس دھوپ میں ہوتا رہوں تحلیل کہاں تک
اے وقت تر ہے حکم کی تعمیل کہاں تک

بِکھرا ہے بدن گردِ رہِ شوق کی صورت
لے آئی مجھے خواہشِ تکمیل کہاں تک

آئینے پہ کب تک یہ غبارِ رہِ وحشت
خوابوں کے لئے آنکھ کی تذلیل کہاں تک

ہر آن نیا حرف، نئے لوگ، نئی بزم
آخر کوئی خود کو کرے تبدیل کہاں تک

گر ترکِ تعلق کا ارادہ ہے تو کہہ دو
تمہید کی صورت میں یہ تا ویل کہاں تک

اب قطرۂ غم قطرہ نہیں ، بحر میں ضم ہے
کھوؤ گے اس اجمال کی تفصیل کہاں تک

لو آنکھ کا یہ آخری قطرہ بھی ہو خشک
صحراؤں سے لڑتی بھلا یہ جھیل ہاں تک
٭٭٭

میں ڈرتا ہوں سدا تحریر کی لَو تیز ہونے سے
فسانہ رُخ بدل لیتا ہے رنگ آمیز ہونے سے

ہماری خوش گمانی سے مہک اُٹّھیں گے کیا رستے
پڑے گا فرق کیا خوابوں کے دل آویز ہونے سے

بدن میں سرخوشی کی کیفّیت اپنی جگہ لیکن
مہکتی ہے یہ خاکِ غم آمیز ہونے سے

اسے پیش نظر رکھنا، بدن کے دشت میں یہ دل
نمایاں تر ہوا ہے مرکزِ کاریز ہونے سے

کوئی دم اور رہنے دو نفس کی رو میں طغیانی
بھلا لگتا ہے یہ در یا تلاطم خیر ہونے سے

بہر لمحہ یہ جاں تلوار کی زد پر تو ہے لیکن
اذیّت کم ہے شمشیرِ الم کے تیز ہونے سے

نفس کی ایک ایک روسے نیازانہ مراسم تھے
بچاتا کِس میں در د کو زرخیز ہونے سے
٭٭٭

کچھ عجب طرح سے اپنی وکالت میں نے
لب پہ رکھا نہ کوئی حرفِ وضاحت میں نے

حدّتِ مہر کو محسوس کرو گے تم بھی
دھوپ میں بیٹھ کے لکھّی ہے تمازت میں نے

چھاؤں سے خود کو گریزاں نہیں رکھّا لیکن
دھوپ سے بچنے کی ڈالی نہیں عادت میں نے

اپنی ہر سانس کو آغازِ سفر سے پہلے
سختی وقت کی دے دی تھی بشارت میں نے

محتسب بن گئی میرے لئے سانس مری
خود سے کر دی تھی کبھی اپنی شکایت میں نے

تا دمِ مرگ رہا درد سے رشتہ اپنا
عُمر بھر کی ہے غمِ دل کی کفالت میں نے

آپ تھک جائیں گے زخموں پہ نمک رکھ رکھ کر
درد سہنے کی بہت کی ہے ریاضت میں نے

راز موسم کے تبسمّ سے نہ دھوکا کھانا
وقت کی آنکھ میں دیکھی ہے کثافت میں نے
٭٭٭

ہر ایک شوخی رنگِ حیَات ختم ہوئی
میں رُک گیا کہ حدِ کائنات ختم ہوئی

خوشا نصیب کہ بت خانۂ گماں ٹُوٹا
دراز دستی لات و منات ختم ہوئی

یہ آنکھ خواب نہ دیکھتے تو پھر سمجھ لینا
کہ ہر ضیائے دلِ بے ثبات ختم ہُوئی

لو مَیں بھی ہنس دیا اور تم بھی مسکرا اُٹّھے
وہ داستانِ شکایت وہ بات ختم ہوئی

کسی کی آنکھ تو خورشید کی گواہی دے
کوئی تو ہو جو یہ کہہ دے کہ رات ختم ہوئی

ہوا تھمی ہے کہ خوشبو نے رقص چھوڑ دیا
رُکی ہے سانس کہ تفہیمِ ذات ختم ہوئی

جمالِ حرف تھا چہرے پہ جس کے دم سے راز
وہ خامشیِ تکلم صفات ختم ہوئی
٭٭٭

خلوص و مہر کی کثرت ضیائے لب کی ارزانی
کشادہ دل کے معنی ہیں محبت کی فراوانی

یہ دل یہ آنکھ یہ خوئے انا یہ نشّۂ قامت
بہت مشکل ہے بزمِ شوق میں اپنی نگہبانی

نکل آئے ہو اس جانب تو یہ بھی دھیان میں رکھنا
یہاں آباد گلیوں میں پھرا کرتی ہے ویرانی

مرے آنگن کی خوشبو لُٹ رہی ہے عہد کے ہاتھوں
مرے بچوں سے چھنتی جا رہی ہے خوئے نادانی

میں اکر سوچتا ہوں کس لئے انفاس کی خاطر
اُٹھائے پھر رہا ہے رات دن زنداں کو زندانی

ہم آخر بے حسی کی کون سی منزل پر آ پہنچے
کوئی فکرِ زیاں دل میں نہ احساسِ پشیمانی

مکافاتِ عمل تو دیکھئے اس قیدِ خواہش میں
کوئی معمارِ زنداں ہے کوئی زنجیر کا بانی

کسی سے کیا بتاؤں راز راہِ عشق کا حاصل
لئے بیٹھا ہوں چشمِ شوق میں کچھ عکِس حیرانی
٭٭٭

جاں نذر کرنے خود درِ قاتل تک آ گئے
کیا ہم شعورِ ذات کی منزل تک آ گئے

اب تو گرا دے بیچ کی دیوارِ صد حجاب
مشتاقِ دید پردۂ محمل تک آ گئے

سب زعم ہائے فہم و فراست کے باوجود
دامِ ہوس میں جوہرِ قابل تک آ گئے

اپنوں کے غم ہوں، دہر کے دُکھ ہوں، کہ کربِ ذات
وہ جزوِ جاں ہوئے جو مرے دل تک آ گئے

اسبابِ غم پہ آپ نے کھولی تو یہ زباں
صد شکر آ پ ذکرِ عوامل تک آ گئے

اونچی تھی قتل گاہ کی دیوار پھر بھی راز
چھینٹے لہو کے دامنِ عادل تک آ گئے
٭٭٭

نیند میں طوفان تھے اب ہر طرف گرداب ہیں
کون کہتا ہے کہ سچّے خواب اب کمیاب ہیں

ہاتھ کی دہلیز پر خطِّ بریدہ کا پڑاؤ
آنکھ کی محراب میں سارے شکستہ خواب ہیں

روز کچھ مٹّی ہماری تہہ میں بھر جاتا ہے وقت
اب تو ہم ہر قد کے لوگوں کے لئے پایاب ہیں

ناخدائے وقت پر اب جا کے یہ عقدہ کھُلا
سیکڑوں گردابِ نادیدہ پسِ گرداب ہیں

اک عدوئے خاص سے مجھ پر ہوا یہ انکشاف
دشمنوں کی صف میں رہنے کے بھی کچھ آداب ہیں

یوں گماں ہوتا ہے اکثر جیسے اجزائے حیات
صورتِ صحرا بکھر نے کے لئے بیتاب ہیں

راز کیا وار فتگیِ شوق اب تک ہے وہی
کیا حلیفِ آرزو اب تک ترے اعصاب ہیں؟
٭٭٭

مائل ہے بغاوت پہ ازل ہی سے مری ذات
چا ہے خودی میری خدا سے بھی مراعات

یا شمع ہی گُل ہو گئی یا آئنہ ٹُوٹا
چاہا جو کبھی میں نے کروں خود سے کوئی بات

پھر فکر پہ غلبہ ہوا محتاط عمل کا
پھر خانۂ احساس میں در آئے ہیں خدشات

تشنہ تو بہر حال رہے گی مری وحشت
ہوں لاکھ مرے زیرِ قدم ارض و سماوات

آئے کوئی درویش پرکھ لے مرے دل کو
دیکھے کوئی فیاض شہنشاہ مرے ہاتھ
٭٭٭

معتبر جس کو میں سمجھا تھا وہ مُہمل نکلا
شہرِ جاں بھی مرے احساس کا جنگل نکلا

جانے کِس خواب کی تکمیل کی اُمیّد لئے
آدمی کوئے ملامت کی طرف چل نکلا

میرے اندر یہ اناالحق کی صدا کیسی ہے
قیدِ زنجیر سے کیا پھر کوئی پاگل نکلا

فکر نے ڈال دی پھر تھک کے سپر رستے ہیں
جس کی امیّد ازل سے تھی وہی حل نکلا

شہر کی رات، یہ مزدور، یہ گہری نیندیں
فرش فٹ پاتھ کا اوصاف میں مخمل نکلا

ایک دھڑکن بھی نہیں ایسی کہ جو قید نہ ہو
راز یہ جسم بھی زندانِ مقفّل نکلا
٭٭٭

حرفِ نصاب میرا اور ں سے مختلف ہے
شاید کہ خواب میرا اوروں سے مختلف ہے

دیکھا ہے زندگی کو اس بار میں نے چُھو کے
ابکے جواب میرا اوروں سے مختلف ہے

دیتی ہیں میری آنکھیں دستک سماعتوں پر
رنگِ خطاب میرا اوروں سے مختلف ہے

نکہت بھی عام سی ہے رنگت بھی سب کے جیسی
لیکن گلاب میرا اوروں سے مختلف ہے

اس برگِ خشک پر ہے تحریر حالِ گلشن
یہ انتخاب میرا اوروں سے مختلف ہے

اس دل کو ہے عقیدت ہر طفلِ بے ہنر سے
عزت مآب میرا اوروں سے مختلف ہے

اجزائے جسم و جاں میں روپوش روشنی میں
طرزِ حجابِ میرا اوروں سے مختلف ہے

امواجِ بحرِ جاں پر آباد ہے ازل سے
شہرِ حباب میرا اوروں سے مختلف ہے
٭٭٭

ہو رہا ہے ذکر رسم و راہ کی تجدید کا
زخم شاید بھر گیا ہے نشترِ تنقید کا

روشنی اور تیرگی کے درمیاں ہے اک لکیر
فاصلہ مت پوچھئے تائید سے تر دید کا

قامتِ انساں تکبّر آشنا ہو گا ضرور
خاک کی بنیاد میں جوہر جو ہے تو حید کا

وہ تو اپنی ہر کرن کو کہ رہا تھا آفتاب
ایسے جگنو سے میں کرتا ذکر کیا خورشید کا

کاروانِ ارتقا ہوتا نہ اتنا تیز گام
وصف گر شامل نہ ہوتا خون میں تقلید کا

آپ کے دل میں بھی آیا ہے کبھی ایسا خیال
حمد میں ہے کیوں اضافہ میم اور تشدید کا

حرفِ مطلب تک تو وہ آئے گا لیکن دیر سے
طول کھینچے گا ابھی یہ سلسلہ تمہید کا

بے سبب ہر گز نہیں اعصاب میں اتنا کھچاؤ
ہے سفر درپیش اپنی بات کی تائید کا
٭٭٭

غلط کہتے ہیں سب دُنیا کو ظلمت سے نکالے گا
یہ وہ سورج ہے جو مخصوص منظر کو اُجَالے گا

ضروری ہے کہ وہ اس تجربے کی تلخیاں چکھّے
الگ یہ بات بچہ انگلیاں اپنی جلائے گا

جہنّم راز رستے کی مسافت گر مقدر ہے
تو پھر یہ وقت میری ذات کو شعلوں میں ڈھالے گا

مرے قاتل کے ناموں میں ہے میرا نام بھی شامل
مکافاتِ عمل مجھ سے بھی میرا خوں بہا لے گا

مجھے معلوم ہے جب آئینہ دکھلاؤں گا اس کو
وہ چہرے کو بہانہ ساز لفظوں میں چھپا لے گا

دیارِ شوق ہم تو پتھروں میں ڈھل چکے کب کے
پلٹ کر دیکھنے والوں سے اب تُو اور کیا لے گا

عبث اترا رہے ہوا اس دلِ پُر عزم پر اتنا
یہ دل بھی راز اک دن زندگی سے جی چرا لے گا
٭٭٭

شعور و فکر کا ہر زاویہ سنور جائے
فریبِ ذات کا نشّہ اگر اُتر جائے

اسے ملال کہ انسان اب نہیں ملتا
مجھے یہ خوف کہیں آدمی نہ مر جائے

نہ کوئی در ہے مقفّل نہ بند کوئی گلی
رُکے بغیر کوئی کس طرح گزر جائے

یہ وہ سفر ہے کہ مہلت نہیں ہے پل بھر کی
ذرا سی چُوک ہو اور وقت وار کر جائے

لکیریں باتھ کی ہو جائیں ریزہ ریزہ کیوں
متاعِ جستجو مٹّھی میں کیوں بکھر جائے

عجیب و صف رکھا ہے خدا نے بچّوں میں
گلے لگاؤ تو خوابوں سے آنکھ بھر جائے

یہ اپنے آپ کو پہچاننے کی کوشش ہے
نگاہ جب بھی اٹھے اپنے عکس پر جائے

میں اپنے آپ کو شاید کہ جا کے چھُو لوں راز
ذرا سی دیر کو یہ وقت گر ٹھہر جائے
٭٭٭

محبت میں نہاں ہوتی ہے اک خوئے عداوت بھی
لطافت جس جگہ ہو گی وہاں ہو گی کثافت بھی

یقیں ہے آپ کی باتوں کا لیکن اس کو کیا کیجے
کہ قائم ہے دلوں کے ٹوٹ جانے کی روایت بھی

جہاں پر سرو، نرگس، ابر، جھرنا، چاند ہوں یکجَا
دبے پاؤں چلی آتی ہے اس جا چشمِ حیرت بھی

کوئی رنگ طرب دل میں نہ آنکھوں میں کوئی آنسو
لہو سے چھن گئی ہے کیا تمیزِ رنج و راحت بھی

تم اپنے آپ کو شائستۂ آداب مت جانو
یہ مت بھولو کہ ہے احساس میں خوئے جبلّت بھی

سفر تا دیر کرنا تھا مجھے نادیدہ رستوں پر
سو میں نے رکھ لیا دامن میں کچھ حرفِ حکایت بھی

مجھے اس خونِ دل کو راز نذرِ اشک کرنے دو
مرے منصب میں شامل ہے غمِ جَان کی کفالت بھی
٭٭٭

جسے بھی دیکھئے مثلِ شرار راہ میں ہے
عجیب عالمِ نا پائیدار راہ میں ہے

دیارِ عشق میں قحطِ جنوں سرشت ہے کیا
نہ بوئے مقتل و زنداں نہ دار راہ میں ہے

اسیرِ عشق سدا خوش گمان ہوتے ہیں
ہمیں یقین ہے عروسِ بہارِ راہ میں ہے

چراغِ نقشِ کفِ پائے شوق کی صورت
ضیا بدوش مرا اعتبار راہ میں سہے

حریف مثلِ عدو ہیں نہ دوست مثلِ حلیف
یہ کیسی تیرگی پروردگار راہ میں ہے

دُعا قبول ہُوئی کیَا جنوں پر ستوں کی
نظر بچھائے ہوئے خار زار راہ میں ہے

ثبات آشنا یہ دھوپ ہی سہی اے راز
کوئی تو ہے جو پئے انتظار راہ ہیں ہے
٭٭٭

جو عجیب سب ہیں ہے وہ مری ذات میں بھی ہے
اک خطِّ بے حسی تو مرے ہاتھ میں بھی ہے

تیرہ نصیب لوگوں کی آنکھیں نہ بُجھ سکیں
خورشید کوئی قریۂ ظلمات میں بھی ہے

کوشش کے باوجود ابھی تک اَنا کی آنچ
اطوار ہی میں کیا مری عادات میں بھی

آخر کھُلا یہ رمز بھی مجھ پر کہ میرا دل
مُحسن ہے میرا اور مری گھات میں بھی ہے

اس منظرِ فریب سے واقف ہے میری آنکھ
یہ آئنہ تو شہرِ طِلسمات میں بھی ہے

مرعوب اس کے حُسن سے کس درجہ ہے نگاہ
اک احترام شوخی جذبات میں بھی ہے

جس دھوپ کی تپش سے ہرا ساں تھے دن میں لوگ
وہ دوپہر کی آنچ تو اب رات میں بھی ہے

ایسا نہیں کہ صرف شباہت نصیب ہوں
میرا وجود راز مری بات میں بھی ہے
٭٭٭

زندہ رہنے کا بھی چلن سیکھو
آگ سے کھیلنے کا فن سیکھو

سیکھو تزئینِ انجمن سیکھو
دیدہ دیدہ بدن بدن سیکھو

آ رہی ہے صدا تسلسل سے
کہہ رہا ہے جو اہرمن سیکھو

میں نے جگنو کو لکھ دیا ہے مہر
تم ہی کہتے تھے حسنِ ظن سیکھو

آ رہی ہے صدا چٹانوں سے
ہنرِ دستِ کوہ کن سیکھو

فہم کی بازگشت کو چھوڑو
دل کا پیرایۂ سخن سیکھو

شعلۂ جاں کو بھی ہوا دو راز
کچھ تو آدابِ انجمن سیکھو
٭٭٭

صد شکر کہ اس باب میں اُلجھن نہیں کوئی
بد خواہ بہت ہیں مرا دشمن نہیں کوئی

تا دیر مجھے صحنِ گلستاں میں نہ ڈھونڈو
میں صورتِ گل ہوں مرا مسکن نہیں کوئی

مت پوچھئے کیا کچھ ہے نہاں خانۂ دل میں
ہاں داغِ تمنا سرِ دامن نہیں کوئی

ہر شخص ہے بے چہرگیِ ذات سے واقف
جب ہی تو کِسی ہاتھ میں درپن نہیں کوئی

احساسِ تحفّظ ہے کہ محرومی کی معراج
اب دل میں مرے فکرِ نشیمن نہیں کوئی

رنگوں کے تبسم کو اُڑا لے گئی صر صر
یا دل میں ترے نام کی دھڑکن نہیں کوئی

اے برق کوئی اور زمیں اور جہاں دیکھ
اب کشتِ نفس پر کہیں خرمن نہیں کوئی

کافر نہ کہو راز کو، اس شخص کے دل میں
بُت خانے تو ہیں، ان میں برہمن نہیں کوئی
٭٭٭

پھولوں میں وہ کشش نہ خلش نوکِ خار میں
اِک انقلابِ نو ہے مزاجِ بہار میں

کیوں کارِ عاجزی میں بھی مِلتا ہے اک سرور
شاید انائے ذات بھی ہے انکسار میں

دیکھو تو پائے شوق کی رفتار الاماں
سوچو تو جو بھی ہے وہ کھڑا ہے قطار میں

جو روشنی بھی ہے وہ حجابوں کے بیچ ہے
جو آئنہ بھی ہے وہ چھپا ہے غُبار میں

اللہ رے یہ طرزِ تکلم یہ عرضِ حال
ہے وسعت زمان و مکاں اختصار ہیں

ارمان کیسے، کون سے خواہش، کہاں کے خواب
بیٹھا ہوں اِک ہجومِ اطاعت گزار میں

پُوجے تھے اتنے بُت کہ یہ مُمکِن نہیں تھا راز
خود ساختہ خُداؤں کو رکھتا شمار میں
٭٭٭

تشکر: زاہد میرانی، کتابیں ڈاٹ نیٹ سے ماخوذ
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

پیراہن فکر