تاریخ، سوانح و تحقیق

تا بفلک

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (28,025 الفاظ)

تا بہ فلک

(مضامین)

ظہیر دانش عمری

ناشر: آتش اکیڈمی،کڈپہ

نام کتاب:تابہ فلک
مصنف:ظہیر دانش عمری
صنف:تنقید
سال اشاعت:۲۰۰۹ء
ملنے کا پتہ:

(یہ کتاب آندھرا پردیش اردو اکیڈمی کی جزوی مالی اعانت سے شائع کی گئی)

انتساب

میرے دوستوں عارف الحق،طاہر انجم صدیقی
اور
امام قاسم ساقیؔ کے نام
جن کی حوصلہ افزائی نے مجھے ادب میں ایک مقام
عطا کیا۔
ظہیر دانش عمری

جامعہ دارالسلام کا ادبی منظر نامہ

جامعہ دارالسلام عمرآباد کا ایک ایسا ادارہ ہے جہاں قال اللہ قال الرسول کی تعلیم دی جاتی ہے۔ مذہبی منافرت اور تعصب سے بالاتر ہو کر یہ ادارہ ان تمام تشنگان علم کو اپنے دامن میں پناہ دیتا ہے جو حصول علم کی خاطر اس کی طرف لپکتے ہیں۔ آٹھ سال کی طویل مدت گزارنے کے بعد ان کو عمری کا زریں لقب عنایت کر کے دنیا سے اختلافات مٹا کر امن و امان کو پروان چڑھانے کے لئے بھیج دیتا ہے۔
۱۹۲۴ء میں جامعہ دارالسلام کی بنیاد رکھی گئی، اس کے بانی کاکا عمر تھے۔ جو اپنے آپ میں ایک جہان تھے، انہوں نے جامعہ دارالسلام کی نشو و نما میں بڑا اہم رول ادا کیا ہے۔ ان کے خلوص کی ہی بدولت جامعہ دارالسلام کا نام ساری دنیا میں عزت و احترام سے لیا جاتا ہے۔ اس کے فارغین کو مدینہ منورہ میں تعلیم کے مواقع خاص طور سے میسر آتے ہیں۔
جامعہ دارالسلام کسی خاص مسلک یعنی حنفی مسلک، مسلک بریلویت، شیعہ مسلک، یا کسی اور مسلک کا داعی و حامی نہیں ہے۔ جامعہ دارالسلام صرف اور صرف قرآن وسنت کی تعلیم دیتا ہے۔ ہر مسلک کے ماننے والے جامعہ دارالسلام کو اپنا ادارہ سمجھ کر آتے ہیں۔ قرآن و حدیث کے تر و تازہ سرچشموں سے فیض یاب ہوتے ہیں۔ ان کے مسلکی تعصب اور منافرت میں کمی آتی ہے۔ اور وہ ساری امت کے لئے اتحاد کا پیغام لے کر جامعہ سے سند فراغت حاصل کرتے ہیں۔
جامعہ کے اساتذہ سے طلبہ نہ خوف کھاتے ہیں ، نہ گھبراتے ہیں، نہ دور بھاگتے ہیں۔ بلکہ ان کو اپنا سچا ہمدرد و خیرخواہ سمجھتے ہیں۔ ان سے اپنے مسائل کا ذکر کرتے ہیں۔ کوئی سبق اگر دوران درس سمجھ میں نہیں آتا تو متعلقہ استاذ سے درس کے بعد دوسرے اوقات میں استفسار کرتے ہیں۔ اپنی علمی تشنگی بجھاتے ہیں۔ اگر درس کے علاوہ دیگر اوقات میں آپ جامعہ دارالسلام کی زیارت کریں اور اساتذہ کو تلاش کرنا چاہیں تو یہ کام آپ کے لئے مشکل ہو گا۔ کیونکہ طلبہ اور اساتذہ ایسے گھل مل کر رہتے ہیں اس طرح آپس میں گفتگو کرتے ہیں کہ احساس ہی نہیں ہوتا کہ ان میں استاذ کون ہے اور شاگرد کون؟۔
اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ طلبہ کے دلوں میں اساتذہ کا احترام نہیں ہے بلکہ اساتذہ کا احترام جامعہ دارالسلام کے طلبہ کچھ زیادہ ہی کرتے ہیں۔ بچوں کو تقریر کی تیاری کرنے کا مسئلہ ہو یا مضمون نویسی کا، مقالہ نگاری کا مسئلہ ہو یا مطالعے کا، اساتذہ ہمیشہ طلبہ کا تعاون کرتے ہیں۔ ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔ مراجع کی نشاندہی کرتے ہیں، مضمون نویسی کا انداز سکھاتے ہیں، تقریر کرنے کا ڈھنگ صحیح طریقے سے سکھانے کی پوری کوشش اور محنت کرتے ہیں۔ اساتذہ اور طلبہ کا آپسی تعلق جیسے جامعہ دارالسلام میں ہے کسی اور ادارے میں شاید ہی ملے۔
جامعہ دارالسلام کے طلبہ دین کے ساتھ ساتھ ادب سے بھی گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ ابتداء میں جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ میں شاعری کا رجحان کثرت سے پایا جاتا تھا۔ طلبہ میں ۷۵ فیصد طلبہ شاعر ہوا کرتے تھے۔ ماہانہ مشاعرے منعقد ہوا کرتے تھے۔ اور بڑی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کرتے تھے۔ آج بھی جامعہ دارالسلام میں سالانہ مشاعرے مولانا ابو البیان حمادؔ عمری کی رہنمائی میں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوتے ہیں۔ طلبہ کی دلچسپی کا یہ عالم کہ اکثر مشاعرے فجر کی نماز کے ساتھ ختم ہوتے ہیں۔ اور طلبہ فجر کی نماز پڑھنے کے بعد بستر کی صورت دیکھتے ہیں۔
جامعہ کے اہل قلم کی بات کرتے ہیں تو سب سے پہلے علامہ شا کر نائطی کا نام افق پر چمکنے لگتا ہے۔ آپ جامعہ کے پہلے شیخ الادب تھے۔ اردو، عربی زبانوں پر کامل عبور رکھتے تھے۔ شاعری ایسی کی کہ جنوب کے غالب کہلائے۔ مصحف نامی علمی ادبی جریدے کا اجراء کیا۔ اچھے اچھے اہل قلم کو چونکا دیا کہ تمل ناڈو کی سرزمین باوجود سخت اور پتھریلی ہونے کے اپنے اندر کتنے ہیرے جواہرات رکھتی ہے۔ آپ نے صحابۂ کرام کی شاعری کا ایک مجموعہ ’’ الانابۃ الیٰ شعر الصحابۃ‘‘ ترتیب دیا۔ جو آج بھی جامعہ کے نصاب میں شامل ہے۔ زبان کا سلیقہ اگر کوئی سیکھنا چاہتا ہے تو علامہ شا کر نائطی سے سیکھے۔ حال ہی میں آپ کے فرزند سالک نائطی نے آپ کا دیوان ’’ دیوانِ شا کر‘‘ کے نام سے شائع کر کے اصحاب ذوق پر احسان کیا ہے۔ علامہ کے چند شعر ؂
الفت میں بگڑ کر بھی اک وضع نکالی ہے
دیوانے کی سج دھج ہی دنیا سے نرالی ہے
ڈالی ہے دو عالم پر مٹی ابھی ڈالی ہے
اب کچھ بھی نہیں ہم میں یا ہمت عالی ہے
ملتی ہے بڑی راحت اب خاک نشینی میں
میں نے تو طبیعت ہی مٹی کی بنا لی ہے
اس گھر میں بہت کم ہے اب آمدورفت اس کی
دنیا کی طرف ہم نے دیوار اٹھا لی ہے
حاصل ہے کرم اس کو اک مرشدِ کامل کا
شا کرؔ کی دعا لے لو شا کرؔ نے دعا لی ہے
آپ کے فرزند خالد شا کر نائطی نے ۱۹۶۲ء میں جامعہ سے فراغت حاصل کی۔ مدینہ المنورہ میں تعلیم حاصل کی۔ جامعہ محمدیہ رائیدرگ کے مدرس رہے۔ کاظم نائطی نے ’’ لہجہ تراش‘‘ لکھ کر اپنا لوہا منوایا۔ طالب نائطی نے غزلوں اور مزاحیہ مضامین کے ذریعہ اہل ادب سے داد وصول کی۔ طالب نائطی کی غزلیں اپنے سلیقے کے لئے مشہور ہیں۔ ؂
پہلے بیداری میں اک منظر کھلا
خواب میں سارا پسِ منظر کھلا
دشت بھی خود رہ گیا حیرت زدہ
بند عرصے سے مرا جو گھر کھلا
کھل گئی تیری ادھوری شخصیت
جب ترے اخلاق کا جوہر کھلا
دل کے سارے زخم آخر کھل گئے
چوٹ کھا کر جو کسی کا سر کھلا
اللہ بخش نوری عمری (۱۹۲۲ء۔۔۔ -۱۹۸۵ء) جامعہ دارالسلام میں ایک عرسے تک وارڈن کی خدمت انجام دیتے رہے۔ دو تین دیوان اشاعت کے لئے تیار ہیں۔ مگر ان کے فرزندوں میں سے کسی نے بھی ان کا کلام شائع کرنے کی طرف توجہ نہیں دی۔ نظم کے بڑے خوبصورت شاعر تھے۔ کئی کامیاب نظمیں اردو ادب کو دے چکے ہیں۔ آپ کی ایک غزل کے چند شعر اس طرح ہیں۔ ؂
پردہ جو پڑ گیا ہے زمانے کی عقل پر
بے پردگی کو آج حیا کہہ رہے ہیں لوگ
کانٹے رہ حیات میں ہیں خیمہ زن مگر
کس سادگی سے گل کی صدا کہہ رہے ہیں لوگ
اسماعیل رفیعی عمری انگریزی اور اردو دونوں زبانوں سے اچھی خاصی واقفیت رکھتے تھے۔ آپ وہ پہلے شاعر ہیں جنہوں نے تمل زبان کے شاہکار ’’ ترولّور‘‘ کا پہلی مرتبہ اردو والوں کے سامنے تعارف پیش کیا۔ ایک زمانے میں آپ شب خون اور نگار میں نظمیں اور مضامین لکھا کرتے تھے۔
ڈاکٹر رونق اعظمی نے جامعہ دارالسلام سے فراغت کے بعد طبیہ کالج کرنول سے B.U.MS کا امتحان پاس کیا۔ مدراس میں یونانی کالج کے پروفیسر مقرر ہوئے۔ وظیفہ یاب ہونے کے بعد بوند ملی نامی مقام میں مطب کرتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔ آپ کی ایک غزل اس طرح ہے۔ ؂
کل شب نہ آنکھ لگ سکی پل بھر تمام رات
سوتا رہا ہمارا مقدر تمام رات
تھا آسماں پہ چاند منور تمام رات
ظلمت کدہ تھا پھر بھی مرا گھر تمام رات
تاروں کے ساتھ آنکھ مچولی میں شب کٹی
تنہا پڑا رہا مرا بستر تمام رات
خوشبو ترے بدن کی فضاء میں بسی رہی
ماحول کس قدر تھا معطر تمام رات
حیران ہوں کہ شیشۂ دل پھر بھی بچ گیا
پھینکے گئے تھے ظلم کے پتھر تمام رات
حفیظ الرحمن اعظمی عمری نہایت منکسر المزاج انسان ہیں۔ اپنی علمی ادبی قابلیت کا ڈھنڈورا پیٹنا ان کو پسند نہیں ہے۔ عربی اور اردو زبانوں سے واقفیت رکھتے ہیں۔ مولانا آزاد کے خاص معتقد ہیں۔ غلام رسول مہرؔ سے ان کی کافی عرصے تک خط و کتابت ہوتی رہی۔ طالب علمی کے زمانے سے ہی کئی مشاہیرِ ادب جیسے نیاز فتح پوری، عبد الماجد دریاآبادی وغیرہ سے علمی ادبی مسائل پر مراسلہ نگاری کرتے رہے۔ مشہور زمانہ اخبار ’’مدینہ‘‘ بجنور میں آپ کے مضامین شائع ہوتے رہے۔ چند دن ’’دعوت‘‘ میں بھی کام کیا۔ ماہنامہ ’’ راہ اعتدال‘‘ میں مستقل مضامین لکھتے ہیں۔ راہ اعتدال میں لکھے گئے وہ مضامین جو مدینہ المنورہ میں بیتے دنوں کی یادوں پر مبنی ہیں اہل ذوق کے لئے خاصے کی چیز ہیں۔ آپ شاعری بھی کرتے ہیں مگر مستقل نہیں کبھی کبھی۔ ؂
چاہت کا جن کی بھرتے تھے ہم دم کبھی کبھی
ملتا ہے ان کی یاد سے مرہم کبھی کبھی
ترک تعلقات کا طعنہ نہ دے کوئی
ملتے رہیں تو اچھا ہے کم کم کبھی کبھی
بدنامیِ حیات سے ممکن نہیں فرار
کانٹوں میں کھینچی جاتی ہے مریم کبھی کبھی
آتش میں جانے عشق کی جادو ہے کیا حفیظؔ
شعلے بھی بن ہی جاتے ہیں شبنم کبھی کبھی
مولانا حفیظ الرحمن اعظمی تقریر و تحریر کی یکساں صلاحیت رکھتے ہیں۔ جو بولتے ہیں وہ لکھتے ہیں اور جو لکھتے ہیں وہ بولتے ہیں۔ بولتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ پھول جھڑ رہے ہیں، موتی برس رہے ہیں، ایسی فصیح و بلیغ زبان استعمال کرتے ہیں۔ اس سلیقے سے تقریر کرتے ہیں کہ سننے والے ششدر رہ جاتے ہیں۔
آپ کے بھائی حبیب الرحمن زاہدؔ اعظمی جامعہ دارالسلام کے ترجمان ’’ راہِ اعتدال‘‘ کے مدیر ہیں۔ ہزاروں مضامین ادبی، علمی، اور مذہبی لکھ چکے ہیں۔ مگر ان میں تکبر نام کو نہیں۔ اپنے چھوٹوں سے اس انداز سے ملتے ہیں کہ ملاقاتی کا خواہ مخواہ جی چاہتا ہے کہ وہ اپنے آپ کو بڑا سمجھے۔ نہایت منکسر المزاج انسان ہیں۔ نہایت ذہین ہیں۔ اپنے حافظے میں لاکھوں خوبصورت اور نہایت معیاری اشعار کا ذخیرہ رکھتے ہیں۔ آپ اگر ان سے ملاقات کریں گے اور کسی موضوع پر گفتگو کرنا چاہیں گے تو وہ متعلقہ موضوع کے بارے میں ایسی معلومات پیش کریں گے کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔ موضوع خواہ ادب ہو یا مذہب ہو، سیاست ہو، سیر و تفریح ہو یا جغرافیہ، ہر موضوع پر آپ کا اتنا گہرا اور وسیع مطالعہ ہے کہ اچھے سے اچھا مطالعہ کرنے والا اپنے آپ کو تہی داماں محسوس کرے گا۔ شاعری میں آپ نے اپنے ذوق کو استاذ بنایا ہے۔ تقریباً تمام اساتذہ کے دواوین کا تحقیق کے ساتھ مطالعہ کر چکے ہیں۔ غزل کہتے ہیں تو ایسی پھڑک دار کہ طبیعت بے اختیار نہال ہو جائے۔ ان کی شاعری کا محور غم ہے۔ خواہ غم ذات کا ہو یا کائنات کا۔ آپ کی شاعری کے پیش نظر اگر آپ کو اسیر غم کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ غم کے تعلق سے فرماتے ہیں۔ ؂
زندگی میں خوشی کی نہ کر جستجو
جستجو تیری ناکام ہو جائے گی
غم کی دولت نہیں جب کہ سب کے لئے
پھر مسرت ہی کیوں عام ہو جائے گی
آپ کے چند وہ شعر پیش کرنا چا ہوں گا جو مجھے پسند ہیں۔
اک داغ ہے دل پر جو مٹایا نہیں جاتا
اس بھولنے والے کو بھلایا نہیں جاتا
یا چین ہمارے ہی مقدر میں نہیں ہے
یا چین زمانے ہی میں پایا نہیں جاتا
مرے رب تو رب عظیم ہے تری شان شان کریم ہے
ترا لطف سب پہ ہے بیکراں ترا فیض فیض عمیم ہے
ترا بندہ زاہدؔ بے نوا ہے سراپا معصیت و خطاء
اسے بخش دے تو مرے خدا تو رؤف ہے تو رحیم ہے
آپ کی شاعری کا لطف لینے کے لئے ایک مکمل غزل کا مطالعہ ضروری ہے۔
نہیں قرار جہاں میں کسی بھی تن کے لیے
نہ سیم تن کے لیے ہے نہ گل بدن کے لیے
ہر ایک خار بھی اپنی جگہ بہت کچھ ہے
چمن کا پھول ہی سب کچھ نہیں چمن کے لیے
وہیں سے آج بجھے دل کے ساتھ اٹھے ہیں
کیا تھا دل کو فروزاں جس انجمن کے لیے
گلِ چمن کہیں بارِ چمن نہ بن جائے
وطن کو چھوڑ کے آیا ہوں وطن کے لیے
سمجھ سکو تو یہ کتنی بڑی تسلی ہے
خیال کنج لحد ایک بے وطن کے لیے
کسی کی قبر پہ چڑھتی رہی ردائے گل
کسی کی لاش ترستی رہی کفن کے لیے
رلاتی ہے مجھے گل کی یہ بے بسی زاہدؔ
چمن میں کھل کے بھی کھلتا نہیں چمن کے لیے
مولانا ابوالبیان حمادؔ عمری جامعہ دارالسلام کے استاذ شاعر ہیں۔ نہ صرف شاعر ہیں بلکہ شاعر گر ہیں۔ دینی مضامین کو ادب کی چاشنی کے ساتھ پر لطف بنانے میں آپ کو کمال حاصل ہے۔ تاریخی مضامین بھی لکھتے ہیں۔ آج کل ’’راہِ اعتدال‘‘ کے سرپرست ہیں۔ آپ کی یہ کتابیں شائع ہو چکی ہیں، ’’ بھارت کی تاریخ کا ایک گمشدہ ورق‘‘، ’’ تازیانے ‘‘ (حافظ ابن حجرؒ عسقلانی کی کتاب ’المنبہات‘ کا سب سے خوبصورت اور دلکش ترجمہ)، ’’ نغماتِ حمد و نعت‘‘۔ راہِ اعتدال (عمرآباد)، غزل (بنگلور)، سالار(بنگلور)، پیش رفت (دہلی)، میں آپ کی شعری تخلیقات نمایاں طور پر شائع ہوتی ہیں۔
کیا ملا ہے سعیٔ آزادی کا حاصل دیکھیے
دست قاتل دیکھیے پھر رقصِ بسمل دیکھیے
عمر گزری جستجوئے منزلِ مقصود میں
اور کتنی دور ہو گی اپنی منزل دیکھیے
ہم تڑپ سکتے ہیں پر خاموش رہ سکتے نہیں
پیش آئی ہائے کیسی سخت مشکل دیکھیے
خون کے دریا بھی ہیں اور آتشِ نمرود بھی
راہ حق میں آئیں گے کتنے مراحل دیکھیے
میرے دل میں کھل گئے ہیں کس قدر زخموں کے پھول
دیکھنا ممکن جو ہو تو پھر مرا دل دیکھیے
عبد الرحمن خاں تشنہؔ بڑے قابل آدمی تھے۔ علامہ شا کر نائطی سے فیض حاصل کیا تھا۔ آپ کی زبان صاف و شفاف کوثر و تسنیم سے دھلی ہوئی تھی۔
اب اپنی زندگی کا بھی سامان کریں گے ہم
باطل کی قوتوں کو پریشاں کریں گے ہم
ظالم ترے ستم کو نہ بھولیں گے ہم کبھی
محشر میں تجھ کو خود بھی پشیماں کریں گے ہم
مولانا امین احمد امینؔ دارالسلام کے ان سپوتوں میں شمار کیے جاتے ہیں جو اردو کے ساتھ ساتھ عربی میں بھی نہایت معیاری شاعری کرتے تھے۔ عربی میں ایک خوبصورت دیوان یادگار چھوڑا ہے۔ نہایت مخلص اور طلبہ کے ساتھ بڑی اپنائیت کے ساتھ ملتے۔ ان سے گفتگو کرتے اور کبھی کبھی ڈانٹتے بھی۔ لیکن ان کی ڈانٹ بھی ایسی ہوتی تھی کہ اس پر ہزار شاباشیاں نثار کی جا سکتی ہیں۔
خدا کا کرم اور نوازش ہے
مری شامِ غم کی سحر ہو گئی
اطاعت کے لمحے بہت کم ملے
گنا ہوں میں شام اور سحر ہو گئی
ترے صحن گلشن کی ہر اک گلی
مرے حق میں برق و شرر ہو گئی
پٹیل خلیل اللہ اصغرؔ ایسے خوش نصیب عمری برادر ہیں کہ جن کو ۱۹۷۴ء سے ۲۰۰۶ء تک حرمین کی خدمت کا موقعہ ملا۔ آپ کی تصنیف ’’حرمین کی تاریخ‘‘ بھی جلد شائع ہونے والی ہے۔ حرمین میں طویل عرصہ گزارنے کے بعد بھی شاعری سے ناطہ نہیں توڑا بلکہ ادب سے جڑے رہے۔ ادب سے ان کا یہ تعلق یقیناً جامعہ دارالسلام کا فیض ہے۔
مجھے کچھ خزاں کا الم نہیں کسی اور کا کوئی غم نہیں
مری زندگی کی بہار ہی مری زندگی کے خلاف ہے
مرے لفظ لفظ کا کام ہے کہ دلوں کو مہر و وفا ملے
جو دلوں پہ چوٹ لگائے وہ مری شاعری کے خلاف ہے
وہ احد ہے اور اکیلا ہے کوئی اس کے جیسا ہوا نہیں
مرے رب کی ذات ہمیشہ ہی سے ہر اک دوئی کے خلاف ہے
جو طلب ہو اصغرؔ خوش نوا وہ خدا کی ذات سے کیجیے
کسی آستاں پہ جھکے نہ سر کہ یہی خودی کے خلاف ہے
یعقوب اسلم عمری نے جامعہ سے فراغت کے بعد ’’ مدراس یونیورسٹی‘‘ سے منشی، فاضل اور بی۔ اے کے امتحانات پاس کیے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم۔ اے کیا۔ عمری برادران میں آپ کا نام زیادہ اخبارات ورسائل کی زینت بنتا رہا ہے۔ شاعری کی طرح نثر نگاری کی طرف بھی خصوصی طور پر توجہ کی۔ کئی کتابیں لکھیں جن میں قابلِ ذکر یہ ہیں۔ ۱۔ ایک مفکر، مدرس اور رہنما، ۲۔ عکس در عکس، ۳۔ چہروں کی دیوار، ۴۔ رسول عربی ﷺ، ۵۔ محاورات اور ضرب الامثال، ۶۔ امر کہانیاں، ۷۔ بزم نو کا ادبی سفر نامہ
افسانہ نگاری،تحقیق و تنقید، طنز و مزاح اور تبصرہ نگاری سے خصوصی شغف رکھتے ہیں۔ ادبی حلقوں میں زیادہ فعال اور متحرک تصور کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے غیر اردو دانوں سے لے کر اردو دانوں تک، بچوں سے لے کر جوانوں تک سب کے لیے لکھا اور معیاری لکھا۔ جامعہ دارالسلام کے طرحی و غیر طرحی مشاعروں میں پابندی کے ساتھ شرکت کر کے اپنی ادب دوستی، مادر علمی سے محبت کا ثبوت پیش کرتے ہیں۔ حال ہی میں جامعہ دارالسلام کے مشاعرے کی آپ نے صدارت کی۔ اور ’’ شاعری، مشاعرے اور سامعین‘‘ کے عنوان پر نہایت جاندار خطبۂ صدارت پیش کیا۔ جس کا ایک اہم اقتباس ذیل میں درج کیا جا رہا ہے۔
’’ اب رہا یہ سوال کہ تعلیمی اداروں اور کالجوں میں مشاعرے کیوں منعقد کیے جاتے ہیں ؟ کیا یہ بھی تعلیمی اور درسی ضرورتوں کا ایک حصہ ہیں ؟ تو اس کے جواب میں عرض کروں گا: ہاں ! یہ تعلیمی اور درسی ضرورتوں کا ایک عنصر ہیں۔ عوامی مشاعرات کی بات الگ، لیکن تعلیمی اداروں کے مشاعرے بھی طالب علموں کی تعلیم و تربیت کا ایک ضروری حصہ ہوتے ہیں۔ اور ان مشاعروں کے ذریعے مختلف مقامات کے شاعروں کو بلا کر طلبہ کو ان کے پڑھنے، شعر کہنے اور شعرسنانے کے انداز سے واقف کرایا جاتا ہے۔ ان کے اندر اگر موزونیِ طبع اور شعر کہنے کی صلاحیت موجود ہے تو اسے ابھارنے اور اس کی نشو و نما کرنے کا کام انجام دیا جاتا ہے۔ ‘‘
آپ کی ایک غزل پیش کرنے کا جی چاہتا ہے۔
ان کا آنچل جو کبھی سر سے پھسل جاتا ہے
رنگ اور نور کا دریا سا ابل آتا ہے
جو نگاہوں سے گرا اس کا سنبھلنا مشکل
آدمی گرتا ہے اٹھتا ہے سنبھل جاتا ہے
عمر بھر کے لیے جلنا ہے مقدر اپنا
وہ ہے پروانہ جو لمحات میں جل جاتا ہے
خود غزل وہ ہے غزل سے اسے کیا مطلب
بزم میں اس کے لیے کون غزل گاتا ہے
آپ کے آنے کی امید تھی اب تک دل میں
ایک ارمان تھا اب وہ بھی نکل جاتا ہے
جو ہے معصوم ضمانت بھی نہیں اس کے لیے
جو حقیقت میں ہے مجرم وہ نکل جاتا ہے
ان کے علاوہ جامعہ دارالسلام کے ابھرتے ہوئے شعراء میں مخلصؔ عمری، حافظؔ عمری، ثاقبؔ عمری، ساحلؔ عمری، ہلالؔ عمری، نسیم عمری، عفانؔ عمری، دانشؔ عمری قابلِ ذکر ہیں۔ حافظؔ عمری کا پورا نام عبد العظیم عمری ہے۔ جو ہسکوٹہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ شاعری کی فطری صلاحیت رکھتے ہیں۔ علامہ البانیؒ کی وفات پر ایک طویل نظم ان کی یاد میں لکھ کر اپنے موزوں طبع ہونے کا ثبوت دیا۔ صنفِ نازک پر ڈھائے گئے مظالم پر ان کی ایک مشہور درد و الم سے بھر پور نظم ہے جس کے چند شعر ؂
صنف نازک کی پہچاں مٹا دی گئی
قدر و قیمت ہی اس کی بھلا دی گئی
جوڑے گھوڑے کی لعنت ستم ڈھا گئی
مائی حوا کی بیٹی جلائی گئی
شکوہ حافظؔ کا بے جا نہیں دوستو!
جو حقیقت بجا تھی سنا دی گئی
عنایت اللہ بیگ نسیمؔ عمری کے یہاں اقبالؔ ؒ کا درد بھرا انداز ملتا ہے۔ امت مسلمہ کے کرب کو انہوں نے اپنی اکثر غزلوں میں پیش کرنے کی سعی کی ہے۔ کم غزلیں کہی ہیں مگر ان کی ہر غزل بے اختیار اقبالؔ کی یاد دلاتی ہے۔
جاوید اختر اعظمی عمری نہایت متواضع انسان ہیں۔ تنقیدی،تحقیقی مضامین، کہانیاں اور افسانے لکھتے ہیں۔ نور، بتول، الحسنات، نوائے اسلام اور امنگ میں عام طور پر چھپتے ہیں۔ دینی مضامین بھی تحریر کرتے ہیں۔ مؤ سے تعلق ہونے کی وجہ سے دوہے کہنے کی طرف رغبت زیادہ ہے۔ عمری برادران میں شاید آپ واحد شاعر ہیں جنہوں نے ماہیے، ہائیکو کہے ہیں۔
راقم الحروف بھی جامعہ دارالسلام کا ادنیٰ سا طالب علم ہے،جو جامعہ دارالسلام کے قلمی ماہنامے ’’تنویر‘‘ کا مدیر رہا۔ تذکیرِ نعمت کے طور پر اس بات کا ذکر کرنا چا ہوں گا کہ طالب علمی کے دور میں ہی راقم کے مضامین، افسا نے و کہانیاں قرطاس(ناگپور)، سفیر اردو(لندن)، صدائے اردو (بھوپال)، بین الاقوامی صدا(کشمیر)، سالار ویکلی (بنگلور)، عبارت سہ ماہی (جمشید پور)، نور (رامپور)، بتول (رامپور)، الحسنات (رامپور)، اعتماد (حیدرآباد، ادبی ایڈیشن)، اخبار مشرق (کولکاتہ، ادبی ایڈیشن)، آبشار (کولکاتہ ادبی ایڈیشن)، گلشن اطفال (مالیگاؤں )، بزم اطفال (مالیگاؤں )، خیر اندیش (مالیگاؤں )، نونہال (حیدرآباد)، آج اور کل کے فن کار (گوالیار)، میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ اسی دور میں انور احمد علوی کی مزاحیہ تصنیف ’’جملہ حقوق غیر محفوظ‘‘ میں پیش لفظ راقم کا لکھا ہوا شامل تھا۔ یہ کتاب دوسری مرتبہ اکادمی بازیافت کراچی (پاکستان)، سے شائع ہوئی ہے۔ راقم کا رجحان ابتدا میں غزل کی طرف تھا۔ مگر اب نا چیز بالکلیہ نثر کے لیے وقف ہو کر رہ گیا ہے۔
اس مختصر منظر نامے کے مطالعے سے یہ نہ سمجھ لیا جائے کہ جامعہ کے فارغین میں نثر نگاروں کی قلت ہے۔ بلکہ عمری برادران کے نثر نگاروں میں اولیت اگر کسی کو دی جا سکتی ہے تو وہ مولانا ثناء اللہ عمری ہیں۔ جس رسالے میں دیکھیے ان کا نام جگمگا رہا ہے۔ کبھی کسی کا خاکہ لکھ رہے ہیں، کبھی کسی اہم موضوع پر مضمون لکھ رہے ہیں، کبھی نومسلم!نومسلمہ کی روداد کا ترجمہ کر رہے ہیں۔ کبھی رودادِ سفر بیان کر رہے ہیں۔ الغرض آپ کا قلم بڑی روانی کے ساتھ کسی نہ کسی تعلق سے ہر دم رواں دواں رہتا ہے۔
عارف الدین کلیم عمری کے مضامین راہ اعتدال میں وقتاً فوقتاً شائع ہوتے رہتے ہیں۔ جو زیادہ تر تاریخی اور مذہبی نوعیت کے ہوتے ہیں۔ مولانا ضمیر الدین عمری کے مضامین البلاغ میں شائع ہو کر قبول عام حاصل کرتے ہیں۔ جلال الدین عمری کی متعدد تصانیف شائع ہو چکی ہیں۔ عبد الرب ثاقب عمری کی ’’ اسلام کے معاشرتی مسائل‘‘ مولانا ثناء اللہ عمری کی ’’ مجھے یاد آنے والے ‘‘، ’’قرآن اور دعا‘‘، ’’ رشید رضا‘‘، مولوی وصی اللہ بختیاری کی ’’ ڈاکٹر ساغرجیدی کی دوہا نگاری‘‘، ’’ نظر نظر کے چراغ‘‘، وغیرہ اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ جامعہ دارالسلام کی جس طرح شعری خدمات قابل تقلید ہیں، ٹھیک اسی طرح اس کی نثری خدمات بھی درخشندہ ہیں۔
مصحف (مدیر: علامہ شا کر نائطی)، راہ اعتدال(حبیب الرحمن اعظمی)، صحیفہ (مرتب: ابوابیان حماد عمری)، قلمی ماہنامہ تنویر، اور ’’دارالسلام‘‘ سالنامہ جامعہ دارالسلام کی ادبی خدمات کی توسیع ہیں۔
ڈاکٹر اسلم شاد عمری نے جامعہ دارالسلام کی تاریخ و خدمات پر Ph.D کی ہے۔ تو محی الدین حسینی عمری نے جامعہ دارالسلام کی صحافتی خدمت پر M. Phil کا مقالہ پیش کیا ہے۔ حال ہی میں عزیزم عارف عمری نے راہ اعتدال کی ادبی خدمات کے لیے M. Phil کا مقالہ پیش کیا ہے۔
اخیر میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی جامعہ دارالسلام سے ایسے قابل ذکر فرزند پیدا کرے جو اس کی ادبی، علمی، اصلاحی خدمات کی توسیع کر سکیں۔ آمین
٭٭٭

چند اہم کتابیں

چکنے پات (۲۰۰۵ء): التفات امجدی

التفات امجدیؔ کی رباعیات پر یہ مجموعہ مشتمل ہے۔ انہوں نے اپنی رباعیات میں داخلی و خارجی احساسات کو موضوع سخن بنایا ہے۔ رباعی کا فن بڑی ریاضت کا تقاضا کرتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ موصوف ایک حد تک اس میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ مذہبی رجحانات کا انہوں نے بڑے اچھے اور خوبصورت انداز میں اظہار کیا ہے۔ مگر اور فن میں پختگی کی ضرورت ہے۔ بھاری بھرکم الفاظ سے ان کا گریز مجھے پسند آتا ہے۔ حمدیہ و نعتیہ رباعیات کہہ کر انہوں نے اپنے اللہ اور رسولؐ سے عشق کا زندہ ثبوت فراہم کر دیا ہے۔ اس کتاب کا مقدمہ معروف شاعر ناوک حمزہ پوری (جو جو اپنی مختلف النوع سرگرمیوں کے حوالے سے اکثر و بیشتر ادب میں موضوع گفتگو بنتے ہیں ) نے لکھا ہے۔ چنانچہ وہ لکھتے ہیں : ’’ التفات کی بیشتر رباعیوں میں رباعی کی وہ ساری خوبیاں موجود ہیں جو اکثر ناقدان فن کے بقول رباعی کے حسن کو دوبالا کرتی ہیں۔ ‘‘ اور خود التفات امجدیؔ نے اپنے فن کے تعلق سے خوش فہمی میں مبتلا ہوئے بغیر لکھا ہے کہ ’’ اب یہ رباعیاں آپ کی خدمت میں حاضر ہیں، ان کے حسن و قبح اور معیار و اقدار کا فیصلہ آپ کے بالیدہ فہم و شعور پر منحصر ہے۔ مجھے صرف یہ عرض کرنا ہے کہ یہ رباعیاں آپ کے سنجیدہ مطالعہ کی متقاضی ہیں۔ ‘‘
التفات کی دو رباعیات اور ان کے تیور دیکھیں۔ ؂
میں زیست کا ہر مسئلہ سلجھاتا ہوں
آلام کے طوفان سے ٹکراتا ہوں
پڑ جاتے ہیں جب چھالے غمِ دوراں کے
میں حوصلوں کے تلووں کو سہلاتا ہوں
٭٭٭
خاموش تکلم کی کہانی سن لو
روداد یہ غنچوں کی زبانی سن لو
گرداب کی بانہوں میں سمٹ کر اک دن
کیا کہتی ہے دریا کی روانی سن لو

نسبت بے ستون (۲۰۰۲ء): ضر رؔ وصفی

ضر ر وصفی صاحبِ اسلوب شاعر ہیں، غزل اور نظم کے منظر نامے پران کا نام خاصا روشن ہے۔ غزل انہوں نے بہت خوبصورتی اور خو ب سیر تی کے ساتھ کہی ہے۔ نظمیں زبان و بیان کی چاشنی سے لبریز ہیں۔ ظاہر سی بات ہے قاری ایسی چیزوں کو پسند کرتا ہے۔ رواں دواں اسلوب سے بھرپور ان کی نظمیں مزہ دے جاتی ہیں۔ یہ بات لائقِ تحسین و قابلِ ستائش ہے کہ انہوں نے ناقدین کی آراء سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہیں کی ہے۔ ہاں ! کتاب کی ابتدا میں سیّدہ امۃ الکلثوم (انیس) کا مختصر سا تعارفی مضمون شامل ہے۔ ویسے بھی آج کل کے ناقدین حق گوئی سے دست بردار ہو چکے ہیں۔ اس لیے ان کی آراء کا آج وہ وزن باقی نہیں رہا، جو کبھی تھا۔ بہر حال ضر رؔ نے غزل میں غزل کے خاص مضامین کے ساتھ ساتھ دوسرے مضامین بھی شامل کیے ہیں۔ نئے اردفہ و قوافی سے اپنی شاعری کو مزین کیا ہے اور بہت حد تک کامیاب بھی ہوئے ہیں۔ ضرر وصفی ہماری غزلیہ شاعری کے ایک اہم شاعر کی حیثیت سے ضرور یاد رکھے جائیں گے۔ ان کا ایک شعر بطور نمونہ پیش کر رہا ہوں ؂
ثبوت تنکوں کو دینا پڑا جسارت کا
لیا تھا برق نے کل امتحان تھورا سا
***

خوش بیانیاں (۲۰۰۳): نور الحسنین

نور الحسنین بنیادی طور پر افسانہ نگار ہیں۔ اور اسی حوالے سے ادب میں ان کا نام بازگشت کرتا ہوا سنائی دیتا ہے۔ لیکن ان کی مذکورہ کتاب خاکوں کا مجموعہ ہے۔ اپنی خاکہ نگاری کے بارے میں موصوف کا اعتراف حقیقت پر مبنی ہے۔ وہ کہتے ہیں : ’’مجھے اس بات کا بھی اعتراف ہے کہ ان خاکوں میں کسی بھی شخصیت کی بھر پور اور حقیقی عکاسی میں نہیں کر سکا۔ البتہ میں نے ان کے مزاج اور ان کے رویوں کو ضرور چھونے کی کوشش کی ہے۔ ساتھ ہی کچھ باتیں ایسی ضرور ہیں جن کا تعلق بہر حال حقیقت سے ہے۔ ‘‘ نوارالحسنین کے خاکوں کا بنیادی وصف ان کی شگفتہ مزاجی ہے۔ جس کی بنا پر قاری کی طبیعت بوریت کی طرف مائل نہیں ہوتی۔ انہوں نے بڑی سادہ زبان استعمال کی ہے۔ ان خاکوں کے مطالعہ کے دوران بار بار مجھے اس بات کا احساس ہوا ہے۔ جس طرح شاعری میں جتنا زیادہ جھوٹ ہو گا وہ اتنی ہی اعلیٰ شاعری ہو گی بالکل اسی طرح جس خاکے میں حقیقت سے قرب جتنا ہو گا، اتنا ہی زیادہ وہ کامیاب اور اچھا خاکہ مانا جائے گا۔ ان کی شگفتہ نگاری کی کچھ مثالیں پیش کرنا چاہوں گا۔ ملاحظہ فرمائیں۔
’’ میں نے پھر سوال کیا۔ لیکن اب تو زمانہ بدل رہا ہے ‘‘
وہ بولے۔ ’’میں بھی تو سوٹ بدلتا رہتا ہوں۔ ‘‘
’’ رشید صاحب ایک مخلص انسان ہیں۔ اور اس لیے وہ مفلس نہیں ہیں ورنہ سنا ہے کہ مفلسی بہت ساری خوبیوں کو ایسے ہی کھا جاتی ہے جیسے دواؤں کا بل مریض کو۔ ‘‘
***

دوہے کوکن کے (۲۰۰۵ء): ساحرؔ شیوی

یہ ساحرؔ شیوی کے دوہوں کا مجموعہ ہے۔ آدھی کتاب ساحرؔ پر لکھے گئے تقریباً ۱۹ مضامین پر مشتمل ہے۔ ساحرؔ مختلف اصناف پر غیر معمولی درک رکھتے ہیں۔ ان کی شخصیت پر دو تین کتب بھی شائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے صحتمند انسانی اقدار کو اپنی دوہا نگاری کا موضوع بنایا ہے۔ دوہوں میں بڑے کامیاب تجربے کیے ہیں۔ اس کتاب کا انتساب اکٹر فراز حامدی کے نام ہے۔ ڈاکٹر صاحب کا نام دوہے کے حوالے سے محتاجِ تعارف نہیں ہے۔ انہوں نے اخلاقی مضامین پر زیادہ زور دیا ہے۔ صحت مند معاشرے کے لیے یہ چیز لازم ہے۔ رفیق شاہین ان کی دوہا نگاری پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہتے ہیں :
’’ ساحرؔ شیوی بھی اپنی شاعری ساتھ لے کر برائیوں سے لوہا لینے کے لیے میدان میں آ ڈٹے ہیں۔ انہوں نے اپنے دوہوں کی کٹار سے دبیز تاریکی کے جگر میں شگاف دے کر اجالوں کو اس طرف آنے کا موقع دیا ہے۔ ‘‘ ؂
دشمن بھی سب دوست ہیں دل کو یہ سمجھاؤ
زہر کو امرت جان کر بہتر ہے پی جاؤ
ناداں ان کو کاٹ مت لاکھ نہیں پھل دار
کم از کم یہ چھاؤں تو دیتے ہیں اشجار
ہاں جیون کے انت میں ہوتا ہے یہ حال
جاتے ہیں ہمراہ بس انساں کے اعمال
***

آہنکار (ناول، ۲۰۰۵ء): نورالحسنین

نور بھائی نے اس ناول میں ایک معمولی سے کسان کی کہانی بیان کی ہے، جس کا نام سمپت راؤ ہے۔ کہانی یوں ہے کہ سمپت راؤ کی بیوی کا انتقال ہو جاتا ہے، غربت کے باعث، جس کے بعد وہ اپنے بیٹے کو ڈاکٹر بنانے کی ٹھان لیتا ہے۔ بیٹا ڈاکٹر بن کر خوب کمانے لگتا ہے۔ سمپت راؤ مال سے کھیلنے لگتا ہے۔ ساتھ ہی اس کا رویہ عام مالداروں کی طرح ہو جاتا ہے۔ پھر ایک وقت وہ آتا ہے کہ وہ اپنے باپ کو بھو ل جاتا ہے اس کے بعد کہانی کئی موڑ اختیار کرنے کے بعد فطری انجام کی طرف آگے بڑھتی ہے۔
اتنی سی کہانی کو پوری فنکاری، مہارت کے ساتھ نور بھائی نے تقریباً ۱۹۵ صفحات پر پھیلایا ہے۔ یہ ناول بھی گاؤں کے تناظر میں لکھا گیا ہے۔ (میں نے ’’بھی‘‘ اس لیے لکھا ہے کہ گاؤں کے تناظر میں لکھے گئے بہت سے ناول آج کل منظر عام پر آ رہے ہیں۔ ) کتاب کے پیش لفظ میں بشر نواز نے مذکورہ ناول کی خوبیوں پر بڑی اچھی روشنی ڈالی ہے :’’ مختصراً یہ کہا جا سکتا ہے کہ ’’آہنکار‘‘ ایک ایسا ناول ہے جو ہماری آج کی زندگی سے جڑا ہوا ہے۔ جس میں زرعی اور مشینی عہد کا ٹکراؤ بھی ہے، انسانی رشتوں کی الجھنیں بھی ہیں اور ان کی قوت کا احساس بھی۔ اس ناول کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ مکانی اعتبار سے یہ گاؤں آج کے ہندوستان میں واقع ہے۔ جیتا جاگتا ہے۔ سانس لیتا ہے، اور اپنے ہونے کا احساس لاتا ہے۔ ‘‘
کتاب چھوٹے سائز میں بڑی خوبصورت شائع ہوئی ہے۔ اس کامیاب ناول کے لکھنے پر نور الحسنین کو میں بڑی پر جوش مبارکباد دیتا ہوں۔
***

سفر لہجے کا : شائق مظفر پوری

معتبر شاعر شائق مظفر پوری کا یہ دوسرا شعری مجموعہ ہے۔ ان کا پہلا شعری مجموعہ ’’غم کا سورج‘‘ ۱۹۸۴ء میں منظر عام پر آیا تھا۔ جس پر وہاب اشرفی نے بڑے اچھے تاثرات کا اظہار کیا تھا۔ صاف ستھرے لہجے سے گندھی ان کی شاعری پر کسی گروپ یا اِزم کی چھاپ نظر نہیں آتی۔ وہ سادے سیدھے انداز میں دلوں میں اترنے والی، راسخ ہو جانے والی بات کرتے ہیں۔ ان کی شاعری یقیناً متوجہ کرنے والی اور اپنے وجود کا احساس دلانے والی شاعری ہے۔ انہوں نے اپنا دامن بسیار نویسی سے بچایا ہے۔ وہ مترنم زمینوں میں بڑی خوبصورت غزلیں کہتے ہیں۔ مجھے اس امر پر حد درجہ خوشی محسوس ہوتی ہے کہ انہوں نے دھڑادھڑ شعری مجموعوں کے انبار نہیں لگائے۔ ۱۹ سال کے طویل عرصے کے بعد دوسرا شعری مجموعہ؟ یقیناً یہ بہت اچھی بات ہے۔ اہم بات یہ نہیں ہے کہ کس نے کتنا کہا بلکہ اہم اور قابل توجہ بات یہ ہے کہ کس نے کیا کہا ہے ؟، شائقؔ صاحب کے یہ اشعار مجھے پسند آئے ؂
مرے نصیب کے دامن میں بھر دے انگارے
بنا سکا تو بنا لوں گا میں گلاب کبھی
زندگی کچھ بھی نہیں خواب مسلسل کے سوا
ہم تو اس کو بھی غنیمت ہی مگر جانتے ہیں
ان کی آنکھوں میں نہ منزل کا تصور جاگے
کس کو کہتے ہیں سکوں اہل سفر جانتے ہیں
پیمبروں کی یاد لوٹ آئے گی
صداقتوں کی کھولیے دکان پھر
ہم سے وابستہ رہی ہر بزم کی رونق مگر
ہم جسے اپنا سمجھتے ایسا گھر کوئی نہ تھا
بہت قریب تھا اس کا ضمیر مر جانا
مگر برا جو کہا تو تو برا وہ مان گیا
***

زندگی تیرے لیے : احمد عثمانی

احمد عثمانی کا یہ ناول اردو میں مہاراشٹر کی دیہاتی زندگی کی پہلی پیشکش ہے۔ موصوف اب تک افسانہ نگار کی حیثیت سے معروف تھے۔ مگر مذکورہ ناول نے انہیں ہند و پاک میں ناول نگار کی حیثیت سے متعارف کروایا۔ محبت اس ناول کا موضوع ہے۔ جزئیات نگاری میں وہ بڑی تفصیل سے کام لیتے ہیں۔ اس ناول کے کردار ہمارے معاشرے کے چلتے پھرتے زندہ کردار ہیں، سادے سیدھے، بھولے بھالے کردار۔ بھلا دیہاتی شہری زندگی کی مکاری کیا جانیں۔ مگر آج کل دیہات آہستہ آہستہ صفحۂ ہستی سے مٹتے جا رہے ہیں۔ شہروں کے منحوس اثرات آہستہ آہستہ دیہاتوں میں سرایت کرتے جا رہے ہیں۔ اس ناول میں مثبت کردار بھی ہیں اور منفی کردار بھی۔ نیر مسعود، مقصود الٰہی شیخ وغیرہ نے اس ناول کو بہت پسند کیا ہے۔ بہر حال اس ناول کو موجودہ دور کے بہترین اور کامیاب ترین ناولوں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔
***

اردو ڈراما آزادی کے بعد: ڈاکٹر شہناز صبیح

مذکورہ مقالے پر ڈاکٹر صاحبہ کو ۱۹۸۷ء میں الٰہ آباد ہونیورسٹی کی جانب سے ڈی۔ فل کی گری تفویض کی گئی تھی۔ اس کتاب کا مقدمہ ڈاکٹر عطیہ نشاط نے لکھا ہے۔ یہ کتاب پانچ ابواب میں منقسم ہے۔ جن میں ڈرامے کی تعریف سے لے کر اہم ڈرامہ نگاروں کی سوانح اور اردو ڈراما کے جدید اسالیب پر تفصیلاً روشنی ڈالی گئی ہے۔ اور ایسے فنکاروں کے ڈراموں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جن کی وجہ شہرت کوئی اور چیز بنی۔ کہیں کہیں ڈراموں پر تبصرہ کرتے ہوئے وہ اپنی تنقیدی رائے بھی پیش کرتی ہیں۔ جو ان کی تنقیدی بصیرت پر دلالت کرتا ہے۔ ڈاکٹر عطیہ نشاط اپنے مقدمے میں لکھتی ہیں :
’’ہمت، حوصلہ، لگن، ادبی خلوص، علمی ذوق، تحقیق سے شغف، تلاش وجستجو کی آرزو، طالبعلمی کے دوران اپنے علمی خوابوں کی تعبیر تلاش کرنے کا جذبہ یوں تو بہت سے طلبہ اور طالبات میں دیکھا گیا ہے لیکن اس کی سب سے روشن مثال ڈاکٹر شہناز صبیح ہیں، جس بار کو فرشتوں نے لرز کر رکھ دیا تھا اس کو انہوں نے بڑی خندہ پیشانی سے آزمانے کے لیے اٹھایا۔ ‘‘
بہر کیف! یہ کتاب ڈرامہ سے دلچسپی رکھنے والے طالبعلموں کے لیے بہت مفید ہے۔ ڈرامے کی الف بے سے واقفیت نہ رکھنے والے یہ کتاب پڑھ لیں تو ان کی معلومات میں اچھا خاصا اضافہ ہو جاتا ہے۔
***

قصے کہانیاں : نذیر احمد یوسفی

نذیر احمد یوسفی بچوں کے لیے رواں دواں اسلوب میں کہانیاں لکھنے میں اچھا خاصا درک رکھتے ہیں۔ چھوٹے جملوں میں عمدہ خیالات بڑی مہارت کے ساتھ سلیقے سے پیش کرتے ہیں۔ اس سے قبل بھی ان کی کہانیوں کا ایک مجموعہ منصۂ شہود پر آ چکا ہے۔ اصلاحی انداز ان کی کہانیوں میں غالب ہے۔ اس کتاب کی قیمت بہت کم ہے۔ امید ہے کہ اس سے بچوں کی جیب خرچ پر کسی طرح کا برا اثر نہیں پڑے گا۔ بچوں کے ادب پر آج کل توجہ کی بہت ضرورت ہے۔ کیونکہ یہی نسل آگے چل کر بڑوں کا ادب پڑھے گی۔
***

یادوں کی مہک:حبیب عاصم

حبیب عاصم کا یہ پہلا شعری مجموعہ ہے۔ اگر چہ کہ کمیت کے لحاظ سے یہ مختصر ہے۔ مگر کیفیت کے لحاظ سے ضخیم سے ضخیم سے شعری مجموعوں پر بھاری ہے۔ موصوف گیت بڑے پیارے کہتے ہیں۔ وصل سے زیادہ فراق کے لمحات کو انہوں نے اپنی شاعری میں پرویا ہے۔ انہوں نے زبان بڑی اچھی استعمال کی ہے۔ اپنی شاعری کے حوالے سے کہتے ہیں :’’میرا صحیح تعارف میری شاعری ہے۔ اسے غور سے پڑھیے ! شاید اس میں آپ کو اپنی زندگی کی کوئی تصویر نظر آئے۔ ‘‘
صفحہ ۲۴ پر اپنا تعارف کرواتے ہوئے لکھتے ہیں ؂
کوئی دولت نہیں ایمان کی دولت کے ہم پلہ
یہ وہ دولت ہے جو ہم مفلس و نادار رکھتے ہیں
ان کے گیتوں میں میں نے اختر شیرانی کا رنگ غالب دیکھا ہے۔ غزل میں وہ رسمی موضوعات سے آگے نہیں بڑھ سکے۔ مگر بعض مقامات پر عصری مسائل کی جھلک ضرور نظر آتی ہے ؂
حق بات ہی نہ کہنا جو عزت عزیز ہے
ایسا نہ ہو کہ تم پہ بھی پتھر اٹھائیں لوگ
عاصمؔ کریں نہ یاد کبھی بھول کر ہمیں
اور سامنے جب آئیں محبت جتائیں لوگ
میں نے خود ہی حق بیانیوں سے روک لی زباں
ہو نہ جائے کوئی واردات سوچتا رہا
بہر کیف! عاصمؔ صرف گیت پر طبع آزمائی کرتے تو یقیناً آج کے سب سے بڑے گیت کار ہوتے۔
***

درد آشنا: انوری بیگم

یہ انوری بیگم کا تیسرا شعری مجموعہ ہے۔ ان کی شاعری کا مطالعہ بتاتا ہے کہ فن پر ان کی گرفت مضبوط ہے۔ اظہارات کے اسالیب سے وہ بخوبی واقف ہیں۔ وصل سے زیادہ فراق کے درد بھرے لمحوں کو اپنی شاعری کے فریم میں منعکس کرنا ان کو بے حد پسند ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اپنے شعری مجموعے کا نام انہوں نے ’’درد آشنا‘‘ رکھا ہے۔ مدیر ’’شاعر‘‘ افتخار امام صدیقی نے ان کی شاعری کے بارے میں لکھا ہے : ’’ انوری بیگم کسی سے مرعوب یا متاثر نہیں ہوتیں، وہ تو اپنا آئینہ اور عکس آپ ہیں۔ اور خود شناسی اس کا اظہاریہ بھی۔ ‘‘ ان کی شاعری کے مختلف رنگ ہیں۔ اور یہ رنگ قاری کو اپنی طرف مائل کر لیتے ہیں۔ ان رنگوں کا ایک خاص تاثر ہوتا ہے، جو پڑھنے والوں کو جہانِ معنیٰ کی سیر کراتا ہے۔ دوران مطالعہ انوری کے یہ اشعار مجھے بے حد پسند آئے ؂
تم مرے آئینہ خانوں میں رہو گے محفوظ
غم کی حدت سے بھی نہ پگھلے وہ پتھر تم ہو
وہ یوں ملا کہ مجھے درد آشنا ہی لگا
اسے جو دل میں بسایا تو اک سزا ہی لگا
عقابوں کی ہے محفل اب کبوتر خواب ہے گویا
جدھر بھی دیکھتی ہوں بس یہی ہے سلسلہ یا رب
انوریؔ چار سو رقصاں تھی محبت ہر پل
ایسے کچھ اس بزم سے اہل وفا بھی گزرے
تمہیں میں نے جب رہنما کہہ دیا ہے
تمہاری ہے مرضی جہاں چھوڑ جاؤ
***

بند مٹی کا بھرم شاعر: ڈاکٹر محبوب راہی

ڈاکٹر صاحب کی نگارشات سے اردو کا ہر معروف و غیر معروف رسالہ مزین نظر آتا ہے۔ وہ زود نویس ہیں۔ مگر وہ معیار سے کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کرتے۔ ’’بند مٹی کا بھرم‘‘ ان کی غزلیات کا مجموعہ ہے، جو ۲۰۸ صفحات پر مشتمل ہے۔ ’’مجھے اعتراف ہے ...........‘‘ کے تحت وہ اس کتاب کی ابتداء میں کہتے ہیں :’’ پچھلی چار دہائیوں سے کم و بیش ہر مروجہ صنف شعر و ادب میں مضامین نو بہ نو کے انبار لگانے، ہند و پاک کے تمام معیاری ادبی اور کمرشیل اردو رسائل و جرائد میں مسلسل اور نمایاں طور پر چھپتے رہنے اور نظم و نثر پر مبنی ایک درجن کتابیں منظر عام پر لانے نیز ان کتابوں پر مختلف صوبائی اردو اکادمیوں سے انعامات پانے کے باوجود ارباب نقد و بصیرت سے وہ پذیرائی حاصل نہ کر سکا جس کا بجا طور پر استحقاق اپنی چالیس سالہ تخلیقی سرگرمیوں کے نتیجے میں تخلیق شدہ وقیع اور بسیط سرمائے کے تناظر میں مجھے حاصل ہے۔ ‘‘ یہ ہماری اردو زبان کا المیہ ہے کہ کسی بھی شخص کو اس کا جائز مقام نہیں دیا جاتا۔ بہر کیف! مجھے ان کی شاعری بہت پسند ہے۔ ان کی غزلوں کے مختلف روپ ہیں۔ اپنی غزلوں میں ایک طرف زندگی کے خوبصورت رویوں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ تو دوسری طرف زندگی کے بدصورت رنگوں کی بھی وہ عکاسی کرتے ہیں۔ محبوب راہیؔ موزوں طبع ہیں۔ بڑی کامیاب غزلیں کہتے ہیں۔ ان کے یہ شعر مجھے اچھے لگے ؂
ہر جگنو خود کو سورج سے برتر سمجھے بیٹھا ہے
چاہیں جس سے بات کریں اب چاہے جس کی بات کریں
مہک اٹھیں گی فضائیں گلوں کی خوشبو سے
وہ گل جمال سراپا جدھر سے نکلے گا
عجب اک صورت حالات سے دوچار ہیں دونوں
مجھے وہ پا نہیں سکتا، اسے میں کھو نہیں سکتا
ابھی تک ساتھ میرا دے رہی ہے
حیاتِ بے سروسامان میری
***

چاند کرتا ہے گفتگو ہم سے: ارشد نظرؔ

ارشد نظرؔ کا یہ دوسرا شعری مجموعہ ہے۔ ان کی شاعری مواد، اسلوب، ہیئت اور زبان و بیان کے حوالے سے ممتاز حیثیت کی حامل ہے۔ ارشد نظرؔ نے پیچیدہ زبان، گنجلک تراکیب، بعید الفہم تراکیب سے اپنا دامن بچایا ہے۔ موصوف غزل بڑی پائے کی کہتے ہیں۔ غزل ان کا خاص میدان ہے۔ غزل کی فیلڈ میں نام پیدا کرنا بہت حد تک مشکل کام ہے۔ اس میدان میں بہت ہی کم لوگ بہتر اور اچھے انداز میں کہنے میں کامیابی حاصل کر پاتے ہیں۔ ارشد نظرؔ کو میں موجودہ دور کے ایک حد تک کامیاب شعراء میں شامل کرتا ہوں۔ ان کا اسلوب بڑا جاندار ہے۔ خصوصاً ان کی غزلیات کا مطالعہ کرنے والے کے دل میں ایک کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ جسے کسی معلوم جذبے کا یا معلوم کیفیت کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ ان کی اکثر غزلوں سے یک تاثری کی کیفیت جھلکتی ہے، یعنی غزل کا مطلع پڑھتے ہوئے جو تاثر محسوس ہوتا ہے وہی تاثر برابر مقطع تک بر قرار رہتا ہے۔ ارشد نظرؔ اپنی شاعری کے تعلق سے کہتے ہیں : ’’ آج کل کے شاعر نئی لفظیات کو برت کر یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ انسانی معاشرے کی روح تک پہونچ چکے ہیں۔ جب کہ حقیقت حال اس کے بر عکس ہے۔ مجھے اپنے بارے میں کوئی خوش فہمی نہیں ہے۔ میری شاعری میں جہاں فکر ہے وہیں احساس کا کھردرا پن بھی ہے۔ مجھے یقین ہے یہ اشعار ہر عہد میں زندہ رہیں گے ؂
کس کے غم میں ہوائیں روتی ہیں
کوئی روشن دیا بجھا تو نہیں
ان کی صداؤں نے ہر بار سنبھالا ہے
دنیا کی اگر سنتا کب کا میں بھٹک جاتا
گر کر بلندیوں سے نہ اٹھا کوئی نظرؔ
یوں تو دنیا میں ڈوب کے کتنے خدا ہوئے
دوڑ مت خواہشات کے پیچھے
کچھ تو ارشد نظرؔ خدا سے ڈر
میں کیا ڈوبوں تیرے اندر
میرے اندر سات سمندر
بہر حال! ارشد نظرؔ کی شاعری میں فکر و خیال کی ایک وسیع دنیا آباد ہے۔ جو صحتمند اذہان و قلوب کو عرصے تک جلا بخشتی رہے گی۔
***

غالب پر تین یادگار تقریریں مرتب: سنجئے گوڈبولے

غالب کی شخصیت اور شاعری آفاقی حیثیت کی حامل ہے۔ ان کی شاعری پرنہ صرف اردو میں بلکہ رومن اور انگریزی زبانوں میں بھی اچھا خاصا کام ہو چکا ہے۔ مذکورہ کتاب تین ماہرین غالبیات کی غالبؔ پر تین تقاریر کا مجموعہ ہے۔ پہلی تقریر ڈاکٹر علی سردار جعفری مرحوم کی ہے۔ ’’بنارس کے متعلق غالب کا نظریہ، چراغ دیر کی روشنی میں ‘‘ پر جعفری صاحب نے روشنی ڈالی ہے۔ دوسری تقریر بھی اسی موضوع پر علامہ کالی داس گپتا رضا نے کی ہے۔ ’’چراغِ دیر‘‘ غالبؔ کی فارسی مثنوی ہے ، جسے غالبؔ نے اپنے بنارس کے قیام کے دوران تحریر کیا تھا۔ غالبؔ نے اپنی فطری مشکل پسندی کے ساتھ بنارس کے فطری حسن پر اظہارِ خیال کیا ہے۔ تیسری تقریر ’’ہماری زبان‘‘ کے مدیر ڈاکٹر خلیق انجم کی ہے۔ اور انہوں نے غالبؔ کے خطوط اور ان کی اہمیت پر گفتگو کی ہے۔ وہ جو کہا جاتا ہے کہ خطوط انسانی شخصیت کے آئینہ دار ہوتے ہیں، غالبؔ کے خطوط پڑھتے ہوئے یہ نظریہ ایک حد تک صحیح معلوم ہوتا ہے۔ خلیق انجم کہتے ہیں : ’’ان کے خطوط میں جو شیفتگی، طنز و مزاح، اور ہنسی مذاق ہے وہ ہمیں سکھاتا ہے کہ بھائی مرد وہی ہے جو حوصلے اور ہمت سے مصیبتوں کا مقابلہ کرے۔ ‘‘
بہر کیف! ان تین اہم تقریروں کو سنجئے گوڈبولے نے مرتب کیا ہے۔ اسباق پبلیکیشنز نے اسے شائع کیا ہے۔ کتاب کے آخر میں انگریزی میں غالب کی مختصر سوانح اور کچھ اشعار کا ترجمہ دیا گیا ہے، جس سے کتاب کی اہمیت اور افادیت میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔
***

دیوانِ میرؔ (دوم عکسی) : سنجئے گوڈبولے

میرؔ کو خدائے سخن کہا جاتا ہے۔ جس طرح غالبؔ کی مشکل پسندی کو شہرت حاصل ہے اسی طرح میرؔ کی سادگی پسندی مشہور ہے۔ مذکورہ دیوان میرؔ کے انتقال کے تیس سال بعد ہی نقل کیا گیا تھا۔ جس کا عکسی ایڈیشن سنجئے گوڈبولے نے شائع کر دیا ہے۔ سنجئے اردو زبان کے عاشق ہیں، اور عاشقی میں وہ اتنا بڑھ چکے ہیں کہ اردو کے حوالے سے بہت سے قدیم مخطوطات کو اپنے نوادر خانے میں انہوں نے جمع کر لیا ہے۔ کتاب دو حصوں میں منقسم ہے۔ پہلے حصے میں سنجئے گوڈبولے اور نذیر فتحپوری کے مضامین میرؔ کے متعلق شامل ہیں۔ نیز کالی داس گپتا رضا کی ’’توقیتِ میرؔ ‘‘ بھی شامل کی گئی ہے۔ دوسرا حصہ میرؔ کے کلام پر مشتمل ہے۔ سنجئے ذکرِ میرؔ میں لکھتے ہیں :’’ مجھے مخطوطے جمع کرنے کا شوق ہے۔ ایک دن اچانک میر تقی میرؔ کے دیوان دوم کا مخطوطہ میرے ہاتھ لگا۔ جس کی سائز ۱۸ ضرب ۳۰ سنٹی میٹر تھی۔ کاغذ کے اوپر واٹر مارک تھا۔ جس پر ۱۸۴۰ء درج ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ مذکورہ مخطوطہ میرؔ کی وفات کے تیس سال بعد ہی نقل کیا گیا تھا۔ یہ مخطوطہ فنِ کتابت کا عمدہ نمونہ ہے۔ اس پر صفحہ نمبر درج نہیں ہے۔۔۔۔ یہ مخطوطہ ایک طرح سے انیسویں صدی کا آئینہ ہے۔ جس میں ہم اس وقت کے اردو خط اور املا کی صورت دیکھ سکتے ہیں۔ اس مقصد کے تحت اے عکسی شائع کیا جا رہا ہے۔ ‘‘
***

آغا حشر کے نمائندہ ڈرامے : ڈاکٹر انجمن آرا انجمؔ

آغا حشر کا نام ڈرامے کی دنیا کا سب سے زیادہ روشن نام ہے۔ پہلی مرتبہ اغلاط سے بالکل پاک اور متون کی صحت کے ساتھ آغا حشر کے تین چار ڈرامے کتابی شکل میں شائع ہوئے ہیں۔ کتاب کی ابتداء میں ڈاکٹر صاحبہ نے اردو ڈرامے کے آغاز و ارتقاء، آغا حشر کی مختصر سوانح اور حشر کے فن تمثیل نگاری پر لکھا ہے۔ حشر نے جس زمانے میں ڈرامے کی دنیا میں قدم رکھا وہ زمانہ اردو ڈرامے کے لیے بہت ہی زریں اور درخشاں تھا۔ ان کے مسجع و مقفع اسلوب میں جو بلند آہنگی، جاذبیت اور کشش ہے، ہمیں کسی اور کے ڈراموں میں نہیں ملتی۔ T.Vکی وجہ سے ہندوستان میں اردو ڈرامہ بالکل ختم ہو چکا ہے۔ البتہ ممالک غیر میں آج بھی اس کا رواج باقی ہے۔ اس کتاب میں آغا حشر کے تین ڈرامے سفید خون، یہودی کی لڑکی اور رستم وسہراب شامل ہیں۔ ہر ڈرامے کے شروع میں مؤلفہ نے مختصراً تعارف پیش کر دیا ہے، جس سے ہر ڈرامے کو سمجھنے میں قاری کو مدد ملتی ہے۔ یہ کتاب فخر الدین علی احمد میموریل کمیٹی حکومت اتر پردیش لکھنؤ کے مالی تعاون سے شائع ہو رہی ہے۔ مؤلفہ اسی طرح اپنے علمی و ادبی مضامین بھی شائع کریں گی تو یہ اردو کی بہت بڑی خدمت ہو گی۔
***

مرزا تقی ہوسؔ لکھنوی۔ شخصیت اور فن : سید محمد آقا حیدر حسن عابدی

مذکورہ کتاب آقا حیدر حسن عابدی کی Ph.Dکا مقالہ ہے، ناگپور یونیورسٹی نے اس کتاب پر ۱۹۷۵ء میں Ph. Dکی ڈگری تفویض کی ہے۔ ہوسؔ اپنے زمانے کے نسبتاً کم معروف شاعر تھے۔ اپنے دور میں جو رنگ سخن رائج تھا، اس سے ہٹ کر نہیں کہتے تھے۔ اگر چہ کہ ان کا تخلص ہوسؔ تھا، مگر ہوسناکی سے ان کی شاعری کوسوں دور تھی۔ حسن و عشق کے موضوعات کے ساتھ ساتھ اخلاقِ کریمانہ پر خوب شعر کہتے تھے۔ اس حوالے سے کہتے ہیں : ’’ ہوسؔ جیسا نرالا تخلص اپنانے کے باوجود ان کے کلام میں ہوس پرستی اور سوقیانہ جذبات نگاری کا شائبہ بھی نہیں پایا گیا۔ ‘‘ اس کتاب میں ہوسؔ کی سوانح متعدد مخطوطات کی مدد سے تحقیقی انداز میں جمع کی گئی ہے۔ نیز ہوسؔ کا منتخب کلام شامل کیا گیا ہے۔ جس سے ان کے کلام کی روح ابھر کر سامنے آ گئی ہے۔ مثنوی گل صنوبر کو پہلی مرتبہ اس کتاب میں مکمل شائع کیا گیا ہے۔ ہم ہوسؔ کا مختصر نمونۂ کلام پیش کرنے پر اکتفاء کرتے ہیں ؂
دیکھو مزاجِ حسن کی نازک مزاجیاں
لغزش ہے پائے یار کو بوئے شراب سے
دیوانوں کی طرح سے میں پھرتا ہوں روز و شب
مجھ سا بھی دوستو! کوئی صحرا نورد ہے
مطلق کھلا نہ بھید کہ کیا ہو گا بعدِ مرگ
سب عمر گزری جھگڑے میں امید و بیم کے
مریض درد ہجراں کو اجل مہلت اگر دیوے
تلاطم اشک کا سارے جہاں کو غرق کر دیوے
لہو رونے کی عاشق فرصت اگر دیوے
سراسر وادیِ مجنوں کے تھالے خوں سے بھر دیوے
آقا حیدر حسن عابدی نے ہوسؔ کی خوبیوں کے ساتھ ساتھ خامیوں پر بھی اچھی خاصی روشنی ڈالی ہے۔
***

جانشینِ داغؔ بھائی جان عاشق: سنجئے گوڈبولے

اس کتاب کو سنجئے کی اہم ترتیبات میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ دیوان میرؔ دوم کے بعد یہ ان کا دوسرا تحقیقی کارنامہ ہے۔ داغؔ دہلوی کے نورتنوں میں عاشقؔ کا شمار کیا جا سکتا ہے۔ یہ ٹونک کے رہنے والے تھے۔ حالیؔ کے مشورے پر داغؔ کی شاگردی اختیار کی۔ انہیں کے رنگ میں شعر کہتے رہے۔ اس کتاب کا انتساب نذیر فتحپوری کے نام ہے۔ عاشقؔ ٹونکی پر تعارفی مضمون سید منظور الحسن برکاتی نے لکھا ہے۔ خاصا طویل مضمون ہے۔ جس میں عاشقؔ اور ان کے حالات کا تفصیلی تذکرہ ملتا ہے۔ عاشقؔ نے غمزہ و ادا، ناز و انداز کو زیادہ تر موضوع سخن بنایا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے بڑے خوبصورت اور اچھے شعر نکالے ہیں۔ سنجئے گوڈبولے مخطوطے کے حوالے سے لکھتے ہیں : ’’دیوانِ میر دوئم عکسی کی اشاعت کے وقت میں بتا چکا ہوں کہ مجھے مخطوطے حاصل کرنے کا شوق ہے۔ دیوانِ میر عکسی کی اردو حلقوں میں جو پذیرائی ہوئی ہے، اس نے میرے حوصلے بڑھا دیے۔ اور اب اپنے ذخیرے سے یہ دوسرا مخطوطہ شائع کر کے اردو دنیا کے روبرو پیش کر رہا ہوں۔ یہ مخطوطہ عکسی نہیں ہے۔ اس کے عکس کی چھپائی ممکن نہیں تھی۔ اس میں تمام غزلیں یے کی ردیف میں ہیں۔ مخطوطہ کی سائز ش 6121X سنٹی میٹر ہے۔ کاغذ انگریزی ہے۔ کلام کاغذ کے دونوں طرف مسلسل تحریر کیا گیا ہے۔ کل ۲۶ صفحات ہیں۔ آخری ۹ صفحے میں تحریر بدل گئی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان صفحات کو دو لوگوں نے نقل کیا ہے۔ ‘‘
عاشق ٹونکی کا مختصر نمونۂ کلام پیش کیا جا رہا ہے ؂
بہت تھی آپ کی مجھ پر طبیعت وہ بھی کیا دن تھے
نہ تھی اوروں کی آنکھوں میں مروّت وہ بھی کیا دن تھے
جو کوئی بات میری آپ کے دل کو بری لگتی
تو پہروں ہوتی رہتی تھی شکایت وہ بھی کیا دن تھے
(جو) ہوتا شام کا وعدہ تو گھڑیاں گن کے دن کٹتا
محبت کا زمانہ بھی تھا آفت وہ بھی کیا دن تھے
***

رنگ دگر: اقبال فرید میسوری

اقبال فرید میسوری کا یہ پہلا شعری مجموعہ ہے، وہ بہت کم لکھتے ہیں۔ ان کی شاعری با ذوق قارئین کو بور نہیں کرتی۔ با ذوق قاری ھل من مزید کے چکر میں ان کی ساری شاعری پڑھ ڈالتا ہے۔ اقبال فرید بیک وقت شاعر، مصور اور کاتب ہیں۔ اور اس سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ ایک اچھے انسان ہیں۔ آج کے دور میں ان جیسے مخلص لوگوں کا شارٹیج ہے۔ احمد ندیم قاسمی ان کی شاعری کے بارے میں کہتے ہیں : ’’ اس شاعر کے ہاں وہ سبھی کچھ ملتا ہے جو اہل زبان شعراء کے یہاں موجود ہوتا ہے۔ پھر اپنی غزل کے لیے نئی ردیفیں نکالنے اور ساتھ ہی انہیں نباہنے کا اقبالؔ فرید کو پورا ملکہ حاصل ہے۔ ’’سورج‘‘ ، ’’چند‘‘ اور ’’محدود‘‘ ان کی چند حیرت انگیز ردیفیں ہیں۔ ان کی غزلوں میں غور و تامل یعنی فکر کا عنصر نمایاں ہے۔ اور زبان کے مختلف تیوروں پر بھی انہیں دسترس حاصل ہے۔ ‘‘ کتاب کے پیش لفظ میں وہ کہتے ہیں : ’’ غزل میری پسندیدہ صنفِ سخن ہے۔ ‘‘ شاید یہی وجہ ہے کہ انہوں نے غزل کو غزل بنانے میں بڑی محنت کی۔ بہت سے انوکھے مضامین کو انہوں نے شعرایا ہے۔ غزل کی یہی پسندیدگی انہیں ہمہ وقت نت نئے قوافی تراشنے اور زبان میں جدت پیدا کرنے کی طرف مائل رکھتی ہے۔ ان کی شاعری میں ایک نامعلوم کسک ہے، درد ہے، تڑپ ہے۔ ان کے فن پر موجودہ کتاب میں امجد اسلام امجدؔ ، پروفیسر مشکور حسین یادؔ ، واصل عثمانی، افتخار امام صدیقی وغیرہ نے روشنی دالی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اقبالؔ فرید کے یہ اشعار عرصے تک چمکتے رہیں گے ؂
کہہ رہے ہیں میرے بچے میرا گھر
لوٹ کر اب آ بھی جا اے زندگی
ماضی کو بھول جاؤ ثبوت کمال دو
یا خود ہی سوچو اور وجوہ زوال دو
ملتا ہے کچھ صلہ یہ توقع فضول ہے
نیکی جہاں کرو وہیں دریا میں ڈال دو
میں اک بہتا دریا ہوں
پھر بھی کتنا پیاسا ہوں
شام آئی تو کیسے چپکے سے
مرے ساغر میں ڈھل گیا سورج
چاندنی رات بھی اندھیری ہے
رنگ بدلا ہے آسماں لوگو!
زندگی صرف چند روزہ ہے
کچھ تو ہنس بول لو یہاں لوگو!
کیا ترقی ہوئی اے زمانے
ڈر گیا آدمی آدمی سے
آساں آساں کھیل ہیں سارے عشق تو ایسا کھیل نہیں
کھیلنا چا ہو ہم سے سیکھو کھیل ہے یہ دیوانوں کا
***

برقرار: احمد کمال پروازی

احمد کمال پروازی کا تعلق اجین سے ہے۔ جن کا پہلا شعری مجموعہ ’’مختلف‘‘ ۱۹۸۸ء؁ میں منظر عام پر آیا تھا۔ اب یہ دوسرا مجموعہ ایک طویل عرصے کے بعد ۲۰۰۵ء؁ میں شائع ہوا ہے۔ کمال صاحب کا اسلوب اک طرف سوچ لفظوں سے دلوں کو گرماتا ہے، تو دوسری طرف ایک منفرد اسلوب اور شاندار انداز بیان کی نشاندہی کرتا ہے۔ طویل مدت میں دو شعری مجموعے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ وہ حرمت فن سے بخوبی واقف ہیں۔ فن کی تمام گہرائیوں اور باریکیوں پر اُن کی نظر ہے۔ بات کہنے کا نرالا انداز وہ اپنے پاس رکھتے ہیں۔ غزل پر ان کی گرفت مضبوط ہے۔ ان کے اشعار میں متاثر کرنے اور مرعوب کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ان کی شاعری کا مطالعہ کرتے ہوئے دل میں ایک گداز سا محسوس ہوتا ہے۔
میں ان کی غزل پڑھ کر بہت حیران ہوا کہ ہمارے یہاں ایسے عظیم اور با کمال غزل گو موجود ہیں۔ ان کا اچھوتا انداز بیان ان کے کمال فن، کمالِ قدرت اور کمال علم پر دلالت کرتا ہے۔ ان کی شعری کائنات کا افق غزل کے نور سے منور ہے۔ غزل کے علاوہ انہوں نے کسی اور صنف کو ہاتھ نہیں لگایا ہے۔ ان کا خاص اور جداگانہ اسلوب ہے۔ جو ان کی بہترین شعری صلاحیتوں اور فکری صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ انہوں نے اپنی غزلوں میں بے نام کرب کو سمویا ہے اور معاشرے کے تاریک گوشوں کو منعکس کیا ہے۔ انہوں نے بہت سے ایسے موضوعات کو ہاتھ لگایا ہے جن میں سے کسی ایک موضوع کو بھی کسی دوسرے شاعر نے چھوا تک نہیں۔ ؂
خوف بھی منزلِ مقصود پہ لے جاتا ہے
پیچھے آتا ہوا قاتل بھی ضروری سمجھو
دیکھا تو جیسے باپ کی تصویر ہو بہو
دینا پڑا فقیر تھا، ٹالا نہیں گیا
رات کا یاتری نہیں آیا
خالی خالی الاؤ جلتا رہا
کیسی آواز تھی آدمی کی
چیتھڑے اڑ گئے پتھروں کے
میں جانتا ہوں بہاریں وصول کرنا
سوال یہ ہے مجھے لوٹنا نہیں آتا
تمام لوگ ستاروں پہ تصفیہ کر لیں
میں اپنا چاند زمیں کھود کر نکالوں گا
جوانی اور بوڑھے پن میں بے شک فرق ہوتا ہے
مگر یہ فرق آتا ہے تو بچے کٹنے لگتے ہیں
اس گھر کی دیکھ ریکھ کو ویرانیاں تو ہوں
جالے ہٹا دیے تو حفاظت کرے گا کون
٭٭٭

طہ حسین، بد نصیب ذہین

طٰہ حسین ایک اندھا اور نا بینا ادیب تھا۔ ساتھ ہی ساتھ بڑی ذہانت کا مالک تھا۔ میں نے اس کی ’’الأیام ‘‘ پڑھی ہے۔ جس میں اپنے حوالے سے وہ ایک واقعہ بڑے درد بھرے انداز میں بیان کرتا ہے۔ اس کے کئی بھائی تھے،(واضح ہو کہ وہ پیدائشی اندھا تھا) مگر سب کے سب کٹھور اور سخت دل قسم کے انسان تھے۔ ستانے اور تنگ کرنے کا کوئی بھی موقعہ ہاتھ سے جانے نہ دیتے تھے۔ طٰہ حسین ان سے سخت دلبرداشتہ تھا۔ حتیٰ کہ وہ شدید قسم کی احساس کمتری کا شکار ہو گیا۔ ایسی احساس کمتری جس میں انسان قنوطی بن جاتا ہے۔
ایک دن کا ذکر ہے کہ دوپہر کا وقت تھا۔ گھر میں سب نیند کی وادیوں کی سیر میں مصروف تھے۔ وہ چپکے سے اٹھا، آنکھوں سے دیکھ نہیں سکتا تھا۔ انداز سے ڈھونڈھتے ہوئے باورچی خانے کی طرف گیا۔ جہاں گوشت کاٹنے کا بڑا سا تیز دھار ستّور رکھا ہوا تھا۔ اسے اٹھایا، اس کی دھار آزمائی، بڑی مشکل سے اٹھا کر اپنی گردن پر ڈال لیا۔ وار اچٹ گیا، آدھی گردن کٹ گئی۔ وہ شدتِ تکلیف سے چیخنے لگا۔ آواز سن کر گھر کے سبھی افراد جمع ہو گئے۔ اسے ہاسپٹل میں بھرتی کر دیا گیا۔ ایک لمبے عرصے تک وہ زیرِ علاج رہا۔ جس کے بعد وہ گھر لوٹا تو بھائیوں نے ستانا کم کر دیا۔
اس کے بعد طٰہ حسین مسلسل سوچتا رہا کہ کسی طرح اپنے بھائیوں کو نیچا دکھائے۔ خوب سوچنے اور غور و فکر کرنے کے بعد اس نے تعلیمی میدان میں محنت کرنی شروع کی۔ پڑھتا رہا، پڑھتا رہا، ڈبل Ph. D کی اور مصر کا وزیرِ تعلیم بن گیا۔ اس نے مستشرقین سے تعلیم حاصل کی تھی، اور ان کے افکار و خیالات سے حد درجہ متاثر تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے اسلام میں بے شمار شکوک و شبہات پیدا کیے۔ اس نے اسلامی تہذیبی مسلمات کو جھٹلایا۔ اس کی صحیح تربیت نہ ہونے کی وجہ سے وہ کندۂ نا تراش بن کر رہ گیا۔
علامہ عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز رحمہ اللہ بھی اندھے تھے۔ مگر انہوں نے ساری زندگی اسلام کی سربلندی کے لیے صرف کر دی۔ علامہ بن باز ؒاور طٰہ حسین دونوں دو انتہاؤں پر تھے۔ علامہ بن بازؒ دین کی خدمت اور حفاظت کے لیے بہت آگے بڑھ گئے۔ دین کے حوالے سے انہوں نے جو کارنامے انجام دیے ہیں، یقیناً طویل عرصے تک یاد رکھے جائیں گے۔ دوسری طرف طٰہ حسین دین اسلام کی مخالفت مین حد سے آگے بڑھ گیا۔ کعبۃ اللہ کے وجود کو جھٹلایا، قرآنی ادب پر انگلیاں اٹھائیں۔ طٰہ حسین کے ساتھ عربی زبان کے ادیبوں کی ایک بڑی ٹیم تھی، جو دین اسلام کی مخالفت میں پیش پیش تھی۔ جیسے نجیب محفوظ، احمد امین وغیرہ۔ دراصل یہ یہودیوں کی پروردہ جماعت تھی۔ یہ بھی مسلمہ قاعدہ ہے کہ دین اسلام کو اپنوں سے جتنا نقصان پہونچا، اتنا نقصان غیروں سے نہیں پہونچا۔ اس کلیے کی توثیق کے لیے آپ نبی ﷺ کے زمانے سے لے کر آج تک کے واقعات پر سرسری نظر ڈالتے چلے جائیے۔ قریب کی مثالیں میر جعفر اور میر صادق کی ہیں، جن کو آپ نے بھلایا نہ ہو گا۔
ایک طرف طٰہ حسین ’’حدیث الأربعاء‘‘ میں اسلام کے خلاف زہر اگلتا تھا، تو دوسری طرف مصطفیٰ صادق رافعی نے ’’تحت رأیۃ القرآن‘‘ کے نام سے ایک سلسلۂ مضامین شروع کیا تھا، جس میں وہ طٰہ حسین کے عقیدے کی، اس کے افکار کی، اور اس کے ادب کی خوب خبر لیا کرتے تھے۔ مصطفیٰ نے طٰہ حسین کے تمام شکوک و شبہات کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیں۔ مصر کے بڑے بڑے علماء طٰہ حسین کا جواب نہ دے سکے، مگر معمولی پڑھے لکھے انسان مصطفیٰ نے طٰہ حسین کا دندان شکن جواب دیا۔
مصطفیٰ بہرے تھے، طٰہ اندھا تھا۔ مصطفیٰ ایک معمولی بینک کے کلرک تھے، طٰہ وزیرِ تعلیم تھا۔ مصطفیٰ انتہائی کم تعلیم یافتہ نوجوان تھے، طٰہ حسین بہت تعلیم یافتہ بوڑھا تھا۔ طٰہ تقریباً ۹۰ سال تک زندہ رہا، اور مصطفی صرف ۳۸ سال تک زندہ رہے۔
بہر کیف طٰہ حسین نے نابینا ہونے کے باوجود متعدد کتابیں لکھیں۔ عربی ادب کی تاریخ لکھی۔ دعاء الکروان کے نام سے ایک ناول لکھا۔ جو کیرلا میں پڑھایا جاتا ہے۔ المعذبون فی الأرض کے عنوان سے افسانوی مجموعہ لکھا۔ اور بڑے درد بھرے افسانے لکھے۔ سیرۃ النبی ﷺ پر ھوامش علی السیرۃ کے نام سے ایک کتاب لکھی۔ جس کے مطالعے کے دوران قاری کی آنکھیں متعدد مرتبہ بھر آتی ہیں۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس نے ایسا کیوں کیا؟ اس کا ذہن کیوں اسلام مخالف بن گیا؟ ہم غور کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ طٰہ حسین جب ابتدائی تعلیم حاصل کر رہا تھاتو اسے ایسے استاذ سے پالا پڑا تھا جو روایتی طریقے سے بچوں کو پڑھاتے تھے۔ اپنے طلبہ میں ذرا بھی کمزوری دیکھتے تو بید سے خوب مارتے۔ اور یہ سلوک صرف طٰہ حسین کے ساتھ روا رکھا جاتا تھا۔ کیونکہ وہ نابینا تھا، کمزور تھا۔ اقتصادی لحاظ سے بھی کمزور تھا اور جسمانی لحاظ سے بھی۔ اس لیے وہ طٰہ کو ہر طرح کی ایذا پہونچاتے۔ آج کل اکثر دینی مدارس میں اسی طرح کا ماحول پایا جاتا ہے، اور جب تک ہندوستانی مدارس سے اس طرح کا ماحول ختم نہیں ہو جاتا تب تک ہرگز ہرگز ہندوستان کے مدارس ترقی نہیں کر سکتے۔
طٰہ حسین کے بگڑنے کا دوسرا سبب اس کے بھائیوں کا ستانا ہے۔ اگر طٰہ کے بھائی اس کے ساتھ اسلامی تعلیمات کے مطابق عمل کرتے تو آج طٰہ کی شخصیت کچھ اور ہوتی۔ تیسرا سبب یہ ہے کہ طٰہ نے مستشرقین سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اور ظاہر سی بات ہے کہ مستشرقین کسی بھی شعبے میں عربوں کی برتری تسلیم نہیں کرتے۔ عجمیوں کو ہر شعبے میں برتر ثابت کرنا ان کا شیوہ ہے۔ ظاہر ہے ایسی صورت میں طٰہ پر ان کا اثر شعوری یا غیر شعوری طور پر ہونا تھا، سو ہوا۔ طٰہ حسین کو سامنے رکھ کر ہم یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ اگر کسی کی صلاحیتوں کو صحیح رخ نہیں دیا گیا، صحیح راستہ نہیں دکھایا گیا تو ان کا رخ خود بخود غلط راستے کی طرف مڑ جاتا ہے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ غلط تربیت سے اچھے اچھے ذہن تباہ و برباد ہو جاتے ہیں۔ اگر ان سے تعمیری کام نہ ہو سکا، تو تخریب کی طرف مڑ جاتے ہیں، حتیٰ کہ دنیا کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیتے ہیں۔
٭٭٭

مرزا عظیم بیگ چغتائی

مرزا عظیم بیگ چغتائی کا تعارف عام طور پر مزاح نگار کی حیثیت سے کرایا جاتا ہے۔ حالانکہ وہ صرف مزاح نگار نہ تھے۔ بلکہ وہ بیک وقت ناول نگار، افسانہ نگار، مضمون نگار، ناولٹ نگار، ڈرامہ نگار اور مزاح نگار تھے۔ عصمت چغتائی کے بڑے بھائی تھے۔
والد مرزا قسیم بیگ چغتائی کلکٹر کے عہدے پر فائز تھے۔ گھر میں کسی چیز کی کمی نہ تھی۔ ۱۸۹۵ء؁ میں جودھپور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کچھ گھر پر اور کچھ اٹاوہ اسکول میں حاصل کی۔ پھر علی گڑھ سے بی۔ اے اور ایل۔ ایل۔ بی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ بچپن ہی سے بے حد ناتواں اور کمزور تھے۔ یہ کمزوری جسمانی حیثیت سے تھی نہ کہ دماغی حیثیت سے۔ ان کا دماغ بڑا طاقتور اور تیز تھا۔ بہت زود نویس تھے۔ بے انتہاء مضامین لکھے۔ کہانیاں لکھیں، اور اپنے وقت کے مؤقر علمی جرائد میں شائع ہوئے۔ ان کا پہلا افسانہ ’’انگوٹھی کی مصیبت‘‘ نیرنگِ خیال کے سالنامے میں شائع ہوا تھا۔ اس سے قبل ہی اگر چہ انہوں نے ’’قصرِ صحرا‘‘ کے تین حصے لکھ دیے تھے، مگر ان کی ادبی حیثیت کمزور تھی۔ پہلے افسانے کی اشاعت کے بعد لوگوں نے ان کا نام جانا اور بہت متأثر ہوئے۔
تعلیم سے فراغت کے بعد جودھپور میں وکالت کرنے لگے۔ مگر ساتھ ہی لکھنا لکھانا بھی چلتا رہا۔ جس کی وجہ سے کمزوری حد درجہ بڑھ گئی۔ ڈاکٹر ہارون ایوب نے لکھا ہے : ’’آخری وقت میں اردو کے عظیم مزاح نگار کی حالت قابلِ رحم تھی۔ کوئی ان کے پاس نہ تھا، صرف والدہ صاحبہ ان کی دیکھ بھال کرتی تھیں۔ بیگم صاحبہ کو زبردستی مائکے بھیج دیا گیا تھا۔ کیونکہ وہ ان کی تیمار داری کرتے کرتے خود دق کے مہلک مرض میں مبتلا ہو گئیں تھیں۔ آخر کار تپِ دق کے مہلک مرض نے مرزا عظیم بیگ کی تمام صلاحیتوں پر پانی پھیر دیا۔ اور دنیا کو ہنسانے والا ۱۹۴۱ء؁ میں اس جہانِ فانی سے رخصت ہوا۔ ‘‘ (مرزا عظیم بیگ چغتائی مطبوعہ: ۱۹۹۰ء؁ ص: ۱۲)
مرزا صاحب بڑے خوش خلق اور ہنسوڑقسم کے انسان تھے۔ بچپن سے بہت کمزور تھے۔ اس وجہ سے گھر کے افراد ہمدردی سے پیش آتے تھے۔ اور یہ ہمدردی مرزا صاحب کو پسند نہ تھی۔ بلکہ وہ یہ چاہتے تھے کہ ان کے ساتھ عام انسان کا سا سلوک کیا جائے، ان کو ڈانٹا جائے۔ عصمت چغتائی نے اپنے مشہور و معروف خاکے ’’دوزخی‘‘ میں لکھا ہے : ’’ شروع ہی سے روتے دھوتے پیدا ہوئے۔ روئی کے گالوں میں رکھ کر پالے گئے۔ کمزور دیکھ کر ہر ایک معاف کر دیتا۔ قوی ہیکل بھائی سر جھکا کر پٹ لیتے۔ کچھ بھی کریں والد صاحب کمزور جان کر معاف کر دیتے۔ ہر ایک دلجوئی میں لگا رہتا۔ ‘‘
مرزا صاحب نے اردو دنیا کو متعدد بے مثال تصانیف سے مالامال کیا۔ آٹھ ناول لکھے۔ جن کے نام یہ ہیں : ۱۔ شریر بیوی ۲۔ فل بوٹ ۳۔ چمکی ۴۔ مسز کڑھلے ۵۔ کولتار ۶۔ ومپائر ۷۔ کمزوری ۸۔ کھرپا بہادر
افسانوی مجموعے بھی تقریباً آٹھ شائع ہوئے۔ ناولٹ اور طویل افسانوں کے ۹ مجموعے شائع ہوئے۔ ایک ڈرامہ مرزا جنگی کے نام سے شائع ہوا۔ اس کے علاوہ بہت سی تحریریں ان کی ایسی ہیں جو غیر مطبوعہ ہیں۔ فرید بک ڈپو، دہلی نے ان کے ناولوں اور افسانوں کا کلیات شائع کیا ہے۔ شائقین فرید بک ڈپو سے ان کتابوں کو حاصل کر کے ان سے محظوظ ہو سکتے ہیں۔
مرزا صاحب نے مضامین چغتائی کے نام سے اپنے مسترد شدہ مضامین کا انتخاب شائع کیا۔ جو یقیناً ہماری زبان کی حد تک ایک نئی اور جدید بات ہے۔ لیکن ان کے مسترد شدہ مضامین میں کوئی ایسی بات نہیں کہ جس کی بنا پر ہم انہیں ناقابلِ اشاعت قرار دیں۔ کیونکہ اس کتاب میں ان کے چند اہم مضامین شامل ہیں، جیسے : میں افسانہ کیسے لکھتا ہوں، افسانہ نگاروں کی قسمیں، اور پیامِ یزید وغیرہ۔
مشہور زمانہ رسالے ’’ساقی‘‘ کے مدیر شاہد احمد دہلوی نے ان کی زندگی میں ’’چغتائی نمبر‘‘ شائع کیا تھا۔ اور یہ نمبر ادبی حلقوں میں بے طرح مقبول ہوا تھا۔ یہی ایک نمبر چغتائی کی زندگی میں ان کے فن پر شائع ہوا۔
٭٭٭

ارشد نظرؔ

مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والے شاعر جناب ارشد نظرؔ کا شعری مجموعہ 2001 میں منظر عام پر آیا۔ جس کا انتساب آپ نے اپنے استاذ محترم احمد نسیم مینا نگری کے نام کیا ہے۔ ارشد نظرؔ کا شعر بے حد پر کیف ہوتا ہے۔ ان کی شاعری ٹھنڈا بادل ہے، کڑی دھوپ ہے، پر نور مسرت بخش چاندنی ہے، کانٹوں کا درخت ہے، پیار و محبت کا اظہاریہ ہے۔
لفظ کے استعمال میں محتاط رویہ رکھنے والے شاعر ارشد نظرؔ کے بارے میں بشر نواز نے لکھا ہے کہ وہ بیک وقت جذبہ وفکر متحرک بھی کرتے ہیں اور متأثر بھی کرتے ہیں۔ یہ اچھے شعروں کی اولین پہچان ہے۔ ارشد کا یہ رنگ بہت اچھا لگتا ہے۔ خصوصاً علم و ادب کے شائقین اور روایتی شاعری سے اوبے ہوئے لوگوں کو ان کی شاعری اپنے دامن میں جگہ چھپا لیتی ہے۔ اور احساسات کے ایک آسمان سے آشنا کراتی ہے۔ دور حاضر کی تہذیبی کشمکش، اخلاقیات کا فقدان ان کی شاعری کا خاص موضوع ہے۔ اسی لیے وہ دعویٰ کرتے ہیں ؂
کام اشعار سے نشتر کا لیا جاتا ہے
ہے نظرؔ بھی بڑا ہوشیار کہوں یا نہ کہوں
کبھی ہنگامے کبھی فتنے کبھی شرر جاگے
کب ترے شہر میں تسکین کے منظر جاگے
ان کا اسلوب بہت ہی منفرد اور مختلف اسلوب ہے۔ لیکن وہ میرؔ سے بہت متأثر نظر آتے ہیں۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ میرؔ سا اندازِ بیان سب کو حاصل نہیں ہوتا، میرؔ انہیں اپنے انداز میں کہنے پر اکساتے ہیں۔ مگر وہ اپنی انفرادیت بر قرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اس میں ان کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
میرؔ کا طرز مسلّم لیکن
اپنا لہجہ بھی تو آسان نہیں
میرؔ کے انداز واسلوب کی تعریف کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں
شعر نظرؔ بھی خوب ہیں لیکن
میرؔ کا لہجہ کیا لہجہ تھا
آخیر میں وہ اعتراف کر لیتے ہیں کہ وہ میرؔ کے پیرو ہیں۔ ان کے رنگ سخن کو اپنانا انہیں اچھا لگتا ہے
شاعر کتنا پیارا نظرؔ
میرؔ کے جیسا لہجہ تھا
ٹھیک نہیں تقلید کسی کی، پھر بھی نظرؔ دل یہ کہتا ہے
کبھو کبھو کا طرز سخن بھی میرؔ سا تم دیوان میں رکھنا
ارشد نظرؔ کے حوالے سے عبد المجید سرورؔ لکھتے ہیں کہ ’’ چاند کرتا ہے گفتگو ہم سے ‘‘ ارشد نظرؔ کی شاعری کے امکانات کا ایک اور حسین وعدہ ہے۔ اس میں انہوں نے بڑی جرأت اور فکری بلند آہنگی، تازگی اور شعوری روشنی کے ساتھ نئی غزل کے نئے اسلوب، لفظیات کے پردے میں او غزل کے حسین انداز کو معنوی اور فکری حسن بخشا ہے ‘‘۔ سرور صاحب کا یہ تجزیہ حقیقت سے کتنا قریب اور درست رائے پر مبنی ہے اس کے بارے میں ارشد نظرؔ کی شاعری کا مطالعہ کرنے والے خوب جانتے ہیں۔
اب ہم ارشد نظرؔ کے موضوعات و لفظیات کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔ ارشد نظرؔ نے لفظ پیاس کو بہت استعمال کیا ہے۔ لگتا ہے کہ انہیں اس لفظ سے بے حد محبت ہے۔ پیاس کے اتنے زاویوں کو اپنی شاعری کی روشنی میں مہکایا ہے کہ پیاس پوری شدت و قوت کے ساتھ روشن ہو جاتی ہے۔ پیاس کا اپنا الگ مزہ ہوتا ہے۔ جو دوسروں کی تکلیفوں اور مصیبتوں کا احساس دلاتا ہے۔ اللہ کی نعمتوں کی قدر شناسی کا جذبہ انسان میں پیدا کراتا ہے۔ پیاس نہ ہو تو پانی کی قدر و قیمت کا اندازہ کیسے ہو؟۔ آئیے ! پیاس کے حوالے سے ارشد نظرؔ کے چند شعر پڑھتے ہیں ؂
میں دھوپ دھوپ گھنی پیاس پی چکا ہوں بہت
کبھی تو ابر رواں دشت بے کراں میں اترا
نہر جو آنکھ کے دریا سے نکلتی ہے نظرؔ
خواب در خواب مری پیاس بجھا دیتی ہے
ہوس کی آگ میں کندن کی پیاس کس کو ملی
کسی پتنگ سا جل کر بکھرنے والا بن
مری پیاس بجھائے کون
پیاسا دریا کہتا تھا
ارشد نظرؔ نے تکلفات اور بناوٹ سے پرہیز کیا ہے۔ جدت کے ساتھ جدید لفظیات کا استعمال، انوکھا اور نیا لکھنے کی خواہش انہیں خوب سے خوب تر، بہتر سے بہتر شاعری کرنے پر اکساتی ہے۔ انہیں اس بات پر اکساتی ہے کہ شاعری رسمی انداز میں نہ ہو، چبائے ہوئے نوالے نہ ہوں، کچھ اپنا ہو، کچھ خاص ہو، کچھ منفرد ہو، کچھ الگ ہو، جو ان کی پہچان ہو، خاص پہچان ہو، اسی پہچان کے لیے وہ غزل کو منفرد رنگوں سے مزین کرتے ہیں اور چاند سے اس طرح گفتگو کرتے ہیں ؂
خیالوں کی نئی فصلیں اگیں گی
نظرؔ احساس اپنا جاگتا ہے
میرؔ و غالبؔ تو مسلم ہیں لیکن
رنگ اپنا بھی جمایا جائے
لیکن یہ احساس ان کو تکبر اور غرور میں مبتلاء نہیں کرتا۔ وہ اپنی خاکساری اور انکساری کو بر قرار رکھتے ہیں۔ یہی انکساری ان کے بڑے ہونے اور عظیم ہونے کی دلیل ہے۔ ؂
تو یہ نہ کہہ مرے بعد کوئی مجھ سا نہیں
نظرؔ ادب کا سمندر بڑا ہی گہرا ہے
شعر وسخن کو وہ بڑی دولت مانتے ہیں۔ لفظ کے موتی، خیالات کے ہیرے اور احساسات کے گہر جس کی ملکیت ہوں ، بھلا وہ کیسے غریب ہو سکتا ہے ؟ غریب وہ ہے جو ان خزینوں سے واقف نہیں ؂
کچھ نہیں ہے یہاں سخن کے سوا
سب سے بہتر نظرؔ یہ دولت ہے
ارشد نظرؔ کی شاعری میں سب کچھ ہے۔ حسن و عاشقی، حق پرستی، کرب عالم، دین سے محبت، خدا سے محبت اور رنگ و بو کی داستانیں۔ ارشد نظرؔ جانتے ہیں کہ حق پرستی آسان کام نہیں، اس میں سب سے بچھڑنا پڑتا ہے، اپنے بیگانے بن جاتے ہیں، دوست دشمن بن جاتے ہیں، رشتے دار قطع رحمی کرنے لگتے ہیں۔ سچ کو کوئی پسند نہیں کرتا، جھوٹی تعریف کو پل باندھنے والے، جھوٹے جذبوں کا اظہار کرنے والوں کو سب سر پہ بٹھاتے ہیں ؂
اپنوں نے وہ سلوک کیا ہے ہمارے ساتھ
اب دشمنوں سے کوئی شکایت نہیں رہی
کیسے نبرد آزما دشمن سے ہو گیا
وحشی سا کوئی تو فنکار مجھ میں تھا
دوست بھی اس کے دشمن ہوتے
میری طرح جو سچا ہوتا
سچائیوں کو میں نے جو اپنا لیا نظرؔ
برہم ہیں ہم سے حاشیہ بردار دیکھنا
دوڑ مت خواہشات کے پیچھے
کچھ تو ارشد نظرؔ خدا سے ڈر
ارشد نظرؔ کی یہ رنگارنگ شاعری ہے۔ جس پر ناقدین کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ارشد نظرؔ کی شاعری پر چند مشاہیرِ ادب کی آراء پیش کرنا چا ہوں گا۔
(۱)قمر اقبال: ارشد نظر کا تعلق وجد گھرانے سے ہے۔ لہٰذا شاعری ان کی گھٹی میں پڑی ہوئی ہے۔ غزلیں ہی نہیں ، افسانے بھی لکھتے ہیں اور اردو دانوں میں اعتبار کا درجہ حاصل کرتے جا رہے ہیں۔
(۲)ڈاکٹر نجیب مسعود: آج بر صغیر میں جو شاعری ہو رہی ہے ارشد نظرؔ نے اس میں ایک مقام ضرور بنا لیا ہے۔
ارشد نظرؔ خود اپنے بارے میں لکھتے ہیں : آج کل کے شاعر نئی لفظیات کو برت کر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ انسانی معاشرے کی روح تک پہونچ چکے ہیں۔ جب کہ حقیقت حال اس کے برعکس ہے۔ مجھے اپنے بارے میں کوئی خوش فہمی نہیں ہے ، میری شاعری میں جہاں فکر ہے وہیں احساس کا کھردراپن بھی ہے۔ مجےا یقین ہے یہ اشعار ہر عہد مین زندہ رہیں گے ؂
کس کے غم میں ہوائیں روتی ہیں
کوئی روشن دیا بجھا تو نہیں
ان کی صداؤں نے ہر بار سنبھالا ہے
دنیا کی اگر سنتا کب کا میں بھٹک جاتا
گر کر بلندیوں سے نہ اٹھا کوئی نظرؔ
یوں تو دنیا میں ڈوب کے کتنے خدا ہوئے
دوڑ مت خواہشات کے پیچھے
کچھ تو ارشد نظرؔ خدا سے ڈر
میں کیا ڈوبوں تیرے اندر
میرے احساسات سمندر
٭٭٭

یس خان

۶ جولائی ۲۰۰۶ء بروز جمعہ میں اپنے کمرے میں بیٹھا ہوا تھا۔ میرے مالیگاؤں کے دوست ہلال احمد مشتاق احمد کا خط مجھے ملا۔ جو ۲۸ جون ۲۰۰۶ء کا لکھا ہوا تھا، خط میں کچھ نجی باتوں کا ذکر کرنے کے بعد انہوں نے یس خان کی وفات کی اطلاع ان لفظوں میں دی تھی ’’یہ خبر بڑے دکھ کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ ببّن استاذ جیسے مقبولِ عام کردار کے خالق یس. خان مؤرخہ ۱۸ جون ۲۰۰۶ء بروز اتوار صبح اپنی قیامگاہ جو گیشوری ممبئی میں انتقال کر گئے۔ انا للہ۔۔۔۔ مرحوم گذشتہ مہینوں سے ’’برین ٹیومر‘‘ کے شکار تھے۔ ‘‘
یس۔ خان کے انتقال کی یہ اطلاع میرے لیے بالکل نئی تھی، کتنے افسوس کی بات ہے کہ بنگلور اور مدراس کے کسی اخبار نے بھی اس اطلاع کو شائع نہیں کیا تھا۔ اگر وہی کوئی فلمی اداکار مر جاتا یا کوئی سیاستداں رخصت ہو جاتا تو سارے اخبارات ان خبروں کو نمایاں طور پر شائع کرتے، مضامین پر مضامین لکھے جاتے، نہ جانے اردو داں حلقے کی یہ بے حسی کب ختم ہو گی۔
یس۔ خان منفرد اسلوب کے مالک تھے۔ ان کی تخلیقات ’’بزم اطفال‘‘، ’’خیر اندیش‘‘ اور ’’نرالی دنیا‘‘ میں مستقل شائع ہوتی تھیں۔ اور کبھی کبھی یس۔ خان ’’نور‘‘ کے پر نور صفحات پر بھی نظر آ جاتے تھے۔ انہوں نے ببن استاد جیسا لاثانی کردار تخلیق کیا تھا۔ بچپن بہت پریشانیوں اور مصیبتوں میں گزرا۔ بچپن سے ہی لکھنے پڑھنے کا شوق تھا۔ اسی شوق کی وجہ سے وہ کہانی کے میدان کی طرف آ گئے۔ یس۔ خان کی پہلی کہانی ممبئی کے ایک روزنامے ’’آج‘‘ میں شائع ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ لکھتے رہے، لکھتے رہے، حتیٰ کہ فلمی دنیا کی طرف آ گئے، فلم رائٹر کی حیثیت سے اپنا منفرد مقام بنایا۔
ماہنامہ ’’نور‘‘ میں ان کا ایک انٹرویو شائع ہوا تھا، اور ان سے یہ انٹرویو خیال اثرؔ نے لیا تھا۔ جس میں ان سے ایک سوال کیا گیا تھا کہ آپ فلم اور ٹی۔ وی میں لکھنے کے باوجود بچوں کے لیے کیسے وقت دے پاتے ہیں ؟ تو جواباً انہوں نے کہا تھا: ’’ میری شروعات ہی بچوں کے ادب سے ہوئی ہے، اس لیے میں بچوں کے ادب کو کیسے بھول سکتا ہوں ؟ بلکہ میں بچوں کے رسالوں اور بچوں کے صفحات شائع کرنے والے اخباروں کا احسانمند ہوں کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں انہیں کی وجہ سے ہوں۔ ا س کامیابی میں میرے والد اور والدہ کی دعائیں شامل ہیں۔ سچ بات یہ بھی ہے کہ بچوں کے لیے لکھنے میں مجھے بڑا لطف آتا ہے۔ اور ساتھ ہی ساتھ دکھ کی بات یہ بھی ہے کہ بچوں کے لیے لکھنے والے دھیرے دھیرے غائب ہوتے جا رہے ہیں۔ ‘‘
یس۔ خان نے بچوں کی ذہنیت کو مد نظر رکھتے ہوئے بڑی عمدہ اور خوبصورت کہانیاں تخلیق کی ہیں۔ وہ چھوٹے چھوٹے بچوں کو اردو کی طرف راغب کرنے میں پوری دلچسپی لیتے تھے۔ اس غرض سے انہوں نے ایک منفرد ماہنامہ’’ اسکول ٹائم‘‘ کے نام سے نکالا۔ دو سال تک اس رسالے کو کسی طرح چلاتے رہے، مگر کہیں سے ہمت افزائی نہ ہونے کے سبب مجبوراً ایسا بہترین رسالہ بند ہو گیا۔
’’بزم اطفال‘‘ اور ’’خیر اندیش‘‘ میں مختلف طرح کے انعامی مقابلے منعقد کرتے تھے۔ اور انعام یافتگان کو اپنی جیبِ خاص سے کوئی مفید کتاب اور اسکول ٹیلنٹ سرٹیفیکٹ سے نوازتے تھے۔ بسا اوقات ’’بزم اطفال‘‘ میں ان کی ہندی سے ترجمہ شدہ کہانیاں پڑھنے کو مل جایا کرتی تھیں۔
غالباً دو سال پہلے کی بات ہے کہ میں نے انہیں ایک خط لکھا تھا، جس کا مضمون یہ تھا کہ میں آپ کا تعارفی مضمون لکھنا چاہتا ہوں۔ تو جواب میں انہوں نے اپنی کتاب ’’فلم رائٹر کیسے بنیں ؟‘‘ اور اپنا تعارف میرے نام ارسال کیا۔ اور جب میں نے ان پر مضمون مکمل کر لیا تو سالار ویکلی نے ’’بچوں کے ادیب، یس۔ خان صاحب‘‘ کے عنوان سے نمایاں طور پر شائع کیا۔ جس کی ایک کاپی میں نے ان کی خدمت میں بھیجی، فوراً ان کی جانب سے شکریے کا خط آیا جس میں مضمون کی پسندیدگی کا برملا اظہار کیا گیا تھا۔
ان کی کتاب ’’فلم رائٹر کیسے بنیں ؟‘‘ ایک منفرد کتاب ہے۔ جس میں پہلی بار فلم کے ان گوشوں پر روشنی ڈالی گئی تھی جن پر اردو زبان میں کسی اور نے روشنی نہیں ڈالی۔ وہ بڑی simple زبان استعمال کرتے تھے۔ زیادہ پر تکلف اور ثقیل الفاظ وہ حتیٰ الامکان استعمال کرنے سے گریز کرتے تھے۔ بڑی سے بڑی بات چند لفظوں اور چند جملوں میں کہہ جاتے تھے۔
رحمانی سلیم احمد نے بزم اطفال پبلیکیشنز کے زیر اہتمام یس۔ خان کی متعدد کتابیں شائع کی ہیں اور اپنی قدر افزائی کا ثبوت دیا ہے۔ یس۔ خان نے بچوں کے ادب کے حوالے سے جو سرمایہ چھوڑا ہے وہ نہایت قابل قدر اور لائق تعریف ہے۔ بچوں کے ادب پر ان کے جو احسانات ہیں وہ بھلائے نہیں جا سکتے۔ ’’نور‘‘ کے قریبی سالنامے میں ان کی ایک کہانی شائع ہوئی تھی جس میں ابن صفی کا انہوں نے انداز اپنایا تھا۔ غالباً اس کہانی کا عنوان تھا ’’چیختے پہاڑ‘‘، یہ کہانی مجھے بے حد پسند آئی۔ جس کا اظہار میں نے ’’نور‘‘ کے مستقل کالم ’’آپ کا خط ملا‘‘ میں کیا تھا۔ الغرض! ان کی کئی ایسی کہانیاں ہیں جن میں متعدد سبق آموز پہلو اور عبرت انگیز گوشے ہیں۔
مرنے کو روزانہ سیکڑوں لوگ مرتے ہیں۔ لیکن کم ہی لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ جن پر سارا زمانہ آنسو بہاتا ہے۔ ان کی عمر تقریباً ۴۹ سال تھی۔ اتنی کم عمری میں بھی بھلا کوئی مرتا ہے، مگر اللہ نے موت کا جو وقت متعین کیا ہے اس سے موت نہ ایک پل کے لیے مؤخر ہو سکتی ہے اور نہ مقدم۔ ’’برین ٹیومر‘‘ ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ اب جب کہ میں اپنا مضمون ختم کر رہا ہوں بے اختیار مجھے ایک شعر یاد آتا ہے ؂
زندگی ایسی جیو کہ دشمنوں کو رشک ہو
موت ہو ایسی کہ دنیا دیر تک ماتم کرے
٭٭٭

محسن ہند قاضی اطہر مبارک پوریؒ

بہت سے علماء نے عربی زبان و ادب میں خاص دلچسپی دکھائی اور اس کی خدمت کی، قاضی اطہر مبارک پوریؒ کا شمار ایسے ہی علماء میں ہوتا ہے۔ آپ کا اصلی نام تو عبد الحفیظ تھا، لیکن آپ اپنے حقیقی نام سے زیادہ اپنے تخلص اطہرؔ سے مشہور ہوئے۔ قاضی آپ کے نام کا جزء اس لیے بنا کہ آپ کے افرادِ خاندان لمبے عرصے تک منصبِ قضا پر فائز رہے۔
نسب نامہ اس طرح ہے : قاضی عبد الحفیظ اطہرؔ بن محمد حسن بن لعل محمد بن محمد رجب بن محمد رضا بن امام بخش بن علی شہید۔ آپ کا خاندان عوام کی اصلاح اور تمسک بالدین میں معروف تھا۔ پیدائش ۴! رجب ۱۲۵۹ھ میں محلہ حیدرآباد، مبارک پور، اعظم گڑھ میں ہوئی۔ نانا کا نام عبد الحفیظ تھا۔ اس سے قبل مبارکپور قاسم آباد کے نام سے پہچانا جاتا تھا۔ پھر امیر سید مبارک شاہ نے امیر اطوار ہمایوں (۹۳۷ھ-۹۶۳ھ) کے زمانے میں اسے آباد کیا اور اپنا نام دیا۔ نیز امیر مبارک شاہ کے ساتھ ایک محتاج علمی قافلہ یہاں منتقل ہوا، اور یہی خاندان نسل بعد نسل دینی معاملات اور منصب قضاء کی نیابت کرتا رہا۔ اس کے بعد امیر مبارک شاہ ’’رامانک پور ‘‘ واپس ہوئے، اور وہیں ۲ شوال ۹۶۵ھ میں انتقال کر گئے۔ آپ کی والدہ کا خاندان بھی علمی خاندان تھا۔ دادا بھی علم و فضل میں یکتا تھے۔ والدہ پاکیزگی اور تقویٰ میں معروف تھیں۔ قاضی صاحب کی زندگی پر اس کے بڑے خوبصورت اثرات مرتب ہوئے۔ والدہ کا انتقال ۱۳۵۳ھ میں ہوا۔ اور اس وقت آپ کی عمر ۱۸ سال تھی۔ والدہ کی طرح آپ کی نانی علم و ورع میں یکتا تھیں۔ انہوں نے ساری زندگی اپنے ہی گھر میں محلے کی لڑکیوں کو قرآن پڑھانے کے لئے وقف کر دی۔ جب وہ اسی سال کی ہوئیں تو ۲۶ رمضان ۱۳۷۸ھ کو انتقال کر گئیں۔ نانی صاحبہ نے بھی آپ کی خوب اچھی تربیت کی۔ نانا شیخ احمد حسین رسولپوری (م:۱۳۵۹ھ) اپنے وقت کے مشہور عالم تھے۔ نیز ڈھاکہ (موجودہ بنگلہ دیش) ایک مدرسے کے لمبے عرصے تک صدر المدرسین رہے۔ قاضی صاحب نے اپنے نانا اور ان کی کتابوں سے بہت زیادہ استفادہ کیا۔ نیز اپنے ماموں مولانا محمد یحییٰ (م: ۱۳۷۸ھ) سے بھی فائدہ اٹھایا۔ اور آپ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جو کچھ انہوں نے علم حاصل کیا ہے وہ محض اپنی والدہ کے خاندان کا فضل تھا۔
آپ نے پڑھنے کا آغاز قرآن کریم سے کیا۔ اور قرآن پڑھنا اپنے والدین سے سیکھا۔ پھر حساب سیکھنے کے لیے مدرسہ احیاء العلوم میں منشی اخلاق احمد (م: ۱۴۰۴ھ) کے پاس گئے۔ پھر کبوتر بازی میں رغبت کی وجہ سے اسباق کی حاضری میں کوتاہی کرنے لگے۔ جب والد محترم کو اس بات کا علم ہوا تو خوب مار کر استاذ کے حوالے کر دیا۔ اس سے آپ شرمندہ ہوئے اور اسی وقت سے سبق اور اساتذہ سے استفادہ کرنے کا اہتمام کیا۔ ان اساتذہ کے نام یہ ہیں :
نعمت اللہ مبارکپوری (م: ۱۳۶۲ھ) آپ کے پاس فارسی، خط نسخ و خط نستعلیق سیکھی۔
مفتی محمد یاسین مبارکپوری (م:۱۴۰۴ھ) جن کے پاس بہت سی عربی کی کتابیں پڑھیں۔
شکر اللہ مبارکپوری (م: ۱۳۶۱ھ) کے پاس کتب منطق وفلسفہ پڑھی۔
بشیر احمد مبارکپوری (م: ۱۴۰۴ھ) کے پاس بعض کتب منطق پڑھی ہیں۔
محمد عمر مبارکپوری (۱۴۱۵ھ) کے پاس تفسیر جلالین اور دوسری کتابیں پڑھیں۔
محمد یحییٰ رسولپوری (۱۳۸۷ھ) کے پاس علم عروض، علم قوافی اور علم ہیئت حاصل کیا۔ جو آپ کے ماموں تھے۔
قاضی صاحب نہایت ذہین و فطین تھے۔ ابتداء میں جب ’’نحو میر‘‘ اور ’’علم الصیغہ‘‘ ختم کیا تو جمعے کا خطبہ سمجھنے لگے۔ جب ’’مقامات حریری‘‘ پڑھنے کے مرحلے پر پہونچے تو درسی کتب کسی کی مدد کے بغیر پڑھنے لگے۔ درس نظامی کی مروجہ کتب اپنے گاؤں مبارکپور کے مدرسے احیاء العلوم میں پڑھیں۔ وہ دائم المطالعہ تھے۔ درسی و غیر درسی کتب سے حد درجہ شغف رکھتے تھے۔ اپنے ساتھیوں کو زمانۂ طالب علمی میں ہی پڑھانا شروع کر دیا۔ جامعہ قاسمیہ (شاہی) مرادآباد سے پڑھ کر (۱۳۵۹ھ!۱۹۴۰ء)کو واپس ہوئے۔ وہاں درس نظامی کی متعینہ کتب حدیث پڑھیں۔
صحیح بخاری، سنن ابو داوٗد، سنن ابن ماجہ، مشہور محدث فخر الدین احمدؒ (۱۳۹۳ھ!۱۹۷۳ء) سے پڑھیں۔ صحیح ترمذی مولانا محمد میاں ؒ (۱۳۹۵ھ!۱۹۷۵ء) کے پاس اور صحیح مسلم مولانا محمد اسمٰعیل سنبھلیؒ کے پاس پڑھیں۔ جامعہ قاسمیہ کو ۱۳۵۴ھ میں دوبارہ گئے۔ لیکن وہاں صرف دو ماہ رہے۔ اس دوران ابو تمام کی حماسہ اور زمخشری کی مقامات مولانا محمد میاں کے پاس پڑھیں۔
آپ نے طالب علمی کے زمانے سے شعر گوئی شروع کر دی تھی، اور یہ اشعار ’’فرقان‘‘ بریلی(۱۳۵۷ھ)، ’’قائد‘‘ مرادآباد (۱۳۵۷ھ) اور لاہور کے کے رسائل جیسے زمزم، کوثر اور مسلمان میں چھپنے لگے۔ ان اشعار سے آپ کی شہرت علمی حلقوں تک پہونچ گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ۲۲۵ اشعار پر مشتمل ایک قصیدہ لکھا جو اصحاب صفہ کے متعلق تھا۔ اس کے بعد تصنیف و تالیف اور صحافت کے میدان میں ایسا اترے کہ شاعری ترک کر دی۔ طالب علمی کے زمانے سے ہی مقالے لکھنا شروع کر دیے۔ پہلا مقالہ ’’مساوات‘‘ کے عنوان سے ’’مومن‘‘ بدایوں (۱۳۵۳ھ) میں طبع ہوا۔ مدرسہ احیاء العلوم کے قلمی ماہنامے کے مدیر منتخب ہوئے۔ جرائد ورسائل کے مطالعے میں خوب منہمک رہے۔ اور ان سے خوب استفادہ کیا۔ بعدہٗ غیر منقسم ہندوستان کے کئی رسائل میں لکھا، جیسے : ’’پیامِ تعلیم‘‘ دہلی، ’’الجمعیۃ‘‘ دہلی، ’’مومن‘‘ بدایوں، ہفت روزہ ’’العدل‘‘ گوجرانوالہ۔ اس کے بعد مسلسل ’’قائد‘‘ مرادآباد میں لکھنے لگے۔ آپ کے مقالات بڑے علمی اور انتہائی معیاری ہوا کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک مرتبہ ایک رسالے کے مدیر نے آپ کے نام کے ساتھ مولانا اور فارغ دارالعلوم دیوبند لکھا تھا۔ (یہ اس وقت کی بات ہے جب آپ ’’ہدایہ‘‘ اور اس جیسی دوسری کتابوں کے طالب علم تھے )اس پر آپ نے مدیر کے نام لکھا کہ میں ابھی طالب علم ہوں۔ پھر آپ کے مقالے ’’معارف‘‘ اعظم گڑھ، ’’برہان‘‘ دہلی، ’’دارالعلوم‘‘ دیوبند، وغیرہ مجلات میں شائع ہونے لگے۔ اور ماہنامہ ’’البلاغ‘‘ کے عرصے تک مدیر رہے۔ اس طرح مجلہ ’’برہان‘‘ دہلی بھی آپ کی نگرانی میں نکلتا رہا۔ گویا آپ نے زندگی کا بڑا حصہ صحافت میں گزار دیا۔ تقسیم کے بعد بہرائچ پہونچے اور مجلہ ’’انصار‘‘ کی ذمہ داریوں میں مصروف ہو گئے۔ پھر بمبئی اس زمانے میں پہونچے جب ’’انقلاب‘‘ نیا نیا شروع ہوا تھا۔ پھر مجمع شیخ الہند کے نگراں مقرر ہوئے۔ جس نے آپ کی بعض کتابیں شائع کی ہیں۔ ان تمام مصروفیات کے باوجود تصنیف و تالیف، درس وتدریس میں منہمک رہے۔
قاضی صاحب جیسا کہ پہلے ہم نے ذکر کیا ہے کہ ایام طالب علمی میں ہی اپنے ہم نشینوں کو پڑھاتے تھے۔ تعلیم ختم کر کے مدرسہ احیاء العلوم میں خود پڑھانا شروع کیا۔ اس کے بعد جامعہ اسلامیہ ڈھابیل میں ادبِ عربی اور تاریخ کے استاذ مقرر ہوئے۔ نیز بمبئی میں بھی درس وتدریس کے فرائض انجام دیے۔ آپ نے کئی مرتبہ دیوبند کا بھی سفر کیا۔ جب بھی دیوبند جاتے ، کم از کم جاتے دو ہفتے قیام کرتے اور اس دوران دیوبند کے طلباء بعض کتابیں پڑھتے تھے۔
تصنیف و تالیف کے میدان میں آپ کو بڑی شہرت حاصل ہوئی۔ نہ صرف ہندوستان بلکہ عرب تک آپ کی شہرت پہونچ گئی۔ آپ کی چند معروف تصانیف یہ ہیں :
۱۔خیر الزاد فی شرح بانت سعاد(آپ کی پہلی عربی کتاب) غیر مطبوعہ, مرآۃ العربیۃ (غیر مطبوعہ)
۳۔ائمہ اربعہ (جس کا مسودہ ناشر سے کھو گیا)، ۴۔ الصالحات في سیرۃ بعض الصحابیات (اس کا مسودہ بھی ناشر نے گم کر دیا)،۵۔ اصحاب الصفہ ۲۲۵ اشعار، اس کا بھی یہی حشر ہوا۔ زمانۂ طالب علمی میں لکھی گئی یہ آپ کی پہلی کتاب تھی۔
۶۔ رجال السند والہند (عربی) مطبوعہ قاہرہ، ۷۔ العقد الثمین في فتوح الہند ومن ورد فیہ من الصحابہ والتابعین (عربی) مطبوعہ قاہرہ، ۸۔شرح وتعلیق جواہر الأصول في علم الحدیث (عربی)، ۹۔الہند في العہد العباسي (عربی)
۱۰۔ عرب وہند عہد رسالت میں (اردو) اس کتاب کا ترجمہ مصری عالم عبد العزیز عبد الجلیل عزت نے عربی میں کیا اور قاہرہ سے طبع ہوئی۔ ۱۱۔ہندوستان میں عربوں کی حکومتیں (اردو) اس کا ترجمہ بھی مذکورہ عالم نے کیا اور قاہرہ سے طبع ہوئی۔ ۱۲۔اسلامی ہند کی عظمت رفتہ ۱۳۔ خلافت راشدہ اور ہندوستان ۱۴۔ خلافت بنو امیہ اور ہندوستان۱۵۔ مآثر ومعارف ۱۶۔ تعلیمی وتبلیغی سرگرمیاں عہد سلف میں ۱۷۔ علیؓ و حسینؓ ۱۸۔ اسلامی نظام زندگی ۱۹۔ مسلمان ۲۰۔ طبقات الحجاج ۲۱۔ حج کے بعد ۲۲۔ معارف القرآن ۲۳۔ افادات حسن بصریؒ ۲۴۔ تذکرہ علمائے مبارکپور ۲۵۔ بنات الاسلام ۲۶۔ خیر القرون کی درسگاہیں ۲۷۔ تدوین سیر ومغازی ۲۸۔ قاعدہ بغدادی سے صحیح بخاری تک ۲۹۔ دیار یورپ میں علم و علماء ۳۰۔ آثار و اخبار ۳۱۔ اسلامی شادی ۳۲۔ شرح و تعلیق تاریخ اسماء الثقات لابن شاہین البغدادي ۳۳۔ نشر الدیوان العربی لجدہ من الأم بعد ما جمعہ بعنوان ’’دیوان احمد‘‘
پاکستانی علماء کے پاس آپ کی شخصیت اور تحقیقات کی بڑی قدر و منزلت ہے۔ اسلامی تہذیب و تاریخ پر آپ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ’’محسنِ ہند‘‘ کا لقب دیا، پاکستان میں منعقد ہونے والے علمی سیمناروں میں آپ کو مدعو کیا جاتا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کی بعض کتب کو عالم عربی میں مصدر و مرجع ہونے کا شرف حاصل ہے۔ قاضی صاحب کو علم حاصل کرنے کی بہت تڑپ تھی۔ مطالعۂ کتب کا بڑا گہرا شغف تھا۔ جس کی وجہ سے امہات الکتب اور دوسری کتابوں کا اتنا بڑا ذخیرہ جمع ہو چکا تھا گویا بہت بڑا کتب خانہ ہو۔ مطبوعات و مخطوطات کی اتنی کثرت ہو گئی تھی گھر تنگ دانی کا شکوہ کرنے لگا۔ اس کتب خانے کا فیض تھا کہ آپ نے بڑی معیاری اور خوبصورت کتابیں علمی دنیا کے سامنے پیش کیں۔
آپ کے ہاں ابتداء میں بہت تنگی تھی۔ گزر اوقات بہت مشکل تھی۔ اس لیے زمانۂ طالب علمی میں ہی جلد سازی کا کام کرنے لگے۔ جلد سازی کے لوازمات اعظم گڑھ جا کر لاتے تھے۔ وہ بھی پیدل، اس میں کئی گھنٹے صرف ہوتے تھے۔ لیکن اس کی وجہ سے انہوں نے تعلیم ترک نہ کی۔ کتابوں سے بہت محبت تھی۔ اس لیے پیسہ پیسہ جمع کرتے۔ جب اتنے پیسے جمع ہو جاتے کہ کوئی کتاب خرید لی جائے تو کتاب خرید لیتے۔ زندگی کا بڑا حصہ تنگی و ترشی میں گزرا۔ لیکن اخیر عمر میں اللہ تعالیٰ نے آپ پر رزق کے دروازے کشادہ کر دیے۔ حتیٰ کہ آپ کا شمار مبارکپور کے امراء میں ہونے لگا۔ بچپن سے ہی آنکھیں کمزور تھیں۔ لیکن ضعفِ بصارت کی وجہ سے کثرتِ مطالعہ سے نہیں رکے۔ اور نہ ہی اس چیز نے کثرت تصنیف و تالیف سے روکا۔ آپ سادہ طبیعت، مہمانوں کی خوب خاطر داری کرنے والے، پاکی صفائی کو پسند کرنے والے تھے۔ اپنے شہر مبارکپور میں ایک ادارہ ’’دائرہ حلبیہ‘‘ کے نام سے قائم کیا۔ جس نے آپ کی بہت سی کتب شائع کی ہیں۔ آپ نے اجتماعی ملی خدمات بھی انجام دی ہیں۔ چنانچہ آپ مہاراشٹرا کی طرف سے ’’الجمعیۃ‘‘ کے ناظم تھے، الہیئۃ التعلیم الدیني کے ناظم بھی تھے۔ نیز قوانین الأموال الشخصیۃ الأسلامیۃ کے مؤسسین میں آپ کا شمار ہوتا ہے۔ اخیر عمر میں ناک میں ایک زخم ہو گیا۔ جس کا علاج اعظم گڑھ میں کیا گیا۔ لیکن کثرت سے خون بہا، جو کمزوری کا سبب بنا۔ اس کی وجہ سے بخار لاحق ہوا اور ایک عرصے تک رہا۔ بالآخر اتوار کے دن رات دس بجے ۲۷ صفر ۱۴۱۷ھ کو آپ نے داعیٔ اجل کو لبیک کہا۔ پیر کے دین بڑے بڑے علماء، عمائدین کی موجودگی میں تدفین عمل میں آئی۔ اللہ آپ پر لاکھوں رحمتیں نازل کرے۔ آمین.
(عربی سے تلخیص)
٭٭٭

نازش کڈپوی

تعارف: 5-2-1936 نازش کڈپوی کی تاریخ پیدائش تھی۔ جن کا اصلی نام کے۔ محبوب علی خان تھا۔ والد کا نام کے۔ احمد علی خان تھا۔ انٹر میڈیٹ تک تعلیم حاصل کی۔ کڈپہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سے ہیلتھ سپر وائزر کی حیثیت سے رٹائرڈ ہوئے۔ شعر گوئی کا آغاز ۱۹۶۵ء سے کیا۔ شاعری میں حضرت طرفہ قریشی، حضرت شفاؔ گوالیاری سے اکتسابِ فن کیا۔
۲۰۰۳ء میں نازش کا مجموعۂ کلام شائع ہوا۔ جس کے مرتبین یوسف صفی اور محمود شاہد تھے۔ آئیے نازشؔ کی شاعری کا تفصیلی مطالعہ کرتے ہیں۔
عشق، عشق ایک ایسی شے ہے جس کی عظمت و اہمیت کے بارے میں ہر شاعر نے کچھ نہ کچھ لکھا ہے۔ عشق وہ روشنی ہے جس سے ہر شاعر کا دل منور ہے، عشق وہ آگ ہے جو خوش قسمت لوگوں کے دامن میں پناہ لیتی ہے، عشق وہ نورانی کیفیت ہے جو مجاز سے حقیقت کا سفر لمحوں میں طے کراتی ہے۔ اسی اہمیت کے پیشِ نظر نازش نے عشق کے حوالے سے مختلف کیفیات کو اپنی شاعری میں پرو یا ہے۔ آئیے کلامِ نازشؔ کی چند موتیوں سے نظروں میں روشنی بھرتے ہیں۔
دل کسی پر اے زاہد سوچ کر نہیں آتا
یہ خطا ارے ناداں جان کر نہیں ہوتی
منزل عشق کا کچھ فاصلہ کم ہو جائے
رہنما کاش ترا نقش قدم مل جائے
مسکراتے ہوئے جھیلیں گے ترا نقش قدم
ہم کو رکھنا ہے بہر حال محبت کا بھرم
وہ آگ جس پہ تکیہ تھا الحاد و کفر کا
اے عشق تو نے اس کو گلستاں بنا دیا
اس قدر جلے ہیں ہم عشق میں کہ اب ہم کو
دھوپ دوپہر کی بھی چاند کا اجالا ہے
ناز کر غم دوراں ناز کر غم جاناں
زخم اب مرے دل کا پھول بننے والا ہے
لڑکھڑا رہا تھا وہ زندگی کی را ہوں پر
ہر قدم پہ نازشؔ کو آپ نے سنبھالا ہے
نازش سے نہ پوچھ مجھ سے مری بندگیٔ عشق
سران کا پائے ناز پہ خم کر چکا ہوں میں
محبت کر محبت ہے عبادت
کسی کی دشمنی تو درد سر ہے
نازش محبوب کی یاد میں گزرنے والے لمحات کو زیست کا حاصل گردانتے ہیں۔ دراصل محبوب کی یاد میں ایک ایسی مٹھاس پوشیدہ ہے جو وقت گزرنے کا احساس نہیں ہونے دیتی۔ محبوب کی یاد ایک ایسی لذت سے مملوء ہے جس کا لفظوں میں اظہار کرنا شاید ممکن نہیں۔ نازشؔ ان میٹھے لمحات کا ذکر اپنے مخصوص انداز میں اس طرح کرتے ہیں ؂
جو تری یاد سے خالی ہو ترے ذکر سے دور
وہ لمحہ کیوں نہ جہاں پر حرام ہو جائے
حاصلِ عمر حقیقت میں وہ لمحہ ہو گا
جو تری فکر تری یاد میں گزرا ہو گا
معشوق کی یاد کو ایک اور مقام پر نازشؔ نے ناسور سے تشبیہ دی ہے۔ ؂
ناسور بن کے رہ گئی نازشؔ کسی کی یاد
شعلے بھڑک رہے ہیں دلِ بے قرار میں
عشق جب اپنی انتہاء کو پہونچ جاتا ہے تو آدمی خود کو محبوب تصور کرنے لگتا ہے، ایسے عالم میں سوائے ذکر معشوق کے دوسری اشیاء کو آدمی اپنے اوپر حرام کر لیتا ہے۔ جب محبوب کا نام لبوں سے مس کرتا ہے تو گویا بہار آ جاتی ہے۔ اور جب محبوب کا ذکر نہیں ہوتا تو خزاں ہوتی ہے۔ نازشؔ نے اس جذبے کے اظہار کے لیے دوسرے لفظوں کا سہارا لیا ہے ؂
تمہارا نام لیا تھا تو چھٹ گئی ظلمت
تمہیں جو بھول گیا تو روشنی نہ ملی
شراب کی مستی اور لذت سے زیادہ محبوب کی مستی، محبوب کے نخرے، ناز و انداز زیادہ کیف آمیز وسرور بخش ہوتے ہیں۔ محبوب کا التفات کائنات بھر خوشی کے مماثل ہے۔ ان کی بے وفائی اور اداسی غم کا دریا ہے ؂
بجھتے ہوئے چراغ بھی محفل میں جل اٹھے
جب مسکرا کے آپ گلے مجھ سے کیا ملے
جس سمت دیکھتا ہوں نظر آ رہے ہیں وہ
اے بے خودیِ شوق اب اپنا پتہ ملے
وہ جب بھی بات کرتے ہیں تو منہ سے پھول جھڑتے ہیں
وہ جب گیسو جھٹکتے ہیں تو دن میں رات ہوتی ہے
حضرت میرؔ (۱۱۳۷ء؁-۱۲۲۵ء؁) نے فرمایا تھا ؂
میرؔ ان نیم باز آنکھوں میں
ساری مستی شراب کی سی ہے
اسی مفہوم کو حضرت نازشؔ نے اپنے مخصوص انداز میں اس طرح بیان فرمایا ہے ؂
میں کوئی رند نہیں پھر بھی آ رہا ہے سرور
تمہاری آنکھوں سے یہ کیسی شراب ڈھلتی ہے
غم اور آنسو سے نازشؔ کا بہت گہرا رشتہ ہے۔ غم کو وہ عظیم دولت تصور کرتے ہیں۔ ظاہر ہے غم جس کا سرمایۂ حیات ہو، آنسوؤں سے اس کا بڑا گہرا رشتہ ہو گا۔ نازشؔ نے آنسوؤں کا ذکر کثرت سے کیا ہے۔ آنسو غم و الم کے اظہار کا ذریعہ ہیں۔ نازشؔ نے عاشق کے آنسوؤں کا تذکرہ بڑے گداز کے ساتھ درد بھرے انداز میں کیا ہے۔ اشکوں کو نازشؔ نے کبھی آگ سے، کبھی ستارے اور کبھی چراغ سے تشبیہ دی ہے۔ اور کبھی اشکوں کو اپنی کل کائنات بتایا ہے۔ ؂
دونوں عالم کی ضیاء آئے گی کھنچ کر نازشؔ
اشک جو آنکھ سے ٹپکا وہ ستارہ ہو گا
چین ملتا ہے غم کے ماروں کو
درد جب آنسوؤں میں ڈھلتا ہے
راہ تاریک ہے بھٹکیں نہ مسافر نازشؔ
اس کو اشکوں کے چراغوں سے سنوارا جائے
آنکھوں میں اشک پاؤں میں چھالے جگر میں داغ
نازشؔ مرے لیے تو وہی کائنات ہے
اوروں کی طرح دیکھو ہمارا یہ غم نہیں
اک ایک اشک اپنا سمندر سے کم نہیں
نازش ہمارے اشکوں میں ڈوبی ہے کائنات
پھر بھی غمِ حیات کا ساغر نہیں بھرا
حفیظؔ میرٹھی کا ایک شعر ہے ؂
شیشہ ٹوٹے غل مچ جائے
دل ٹوٹے آواز نہ آئے
اس مضمون کو الگ لفظیات سے نازشؔ نے اس طرح سنوارا ہے ؂
لو کانپ اٹھی شمع کے بجھنے سے پیشتر
دل کا دیا بجھا تو دھواں تک اٹھا نہیں
انسانیت! آج دنیا کسی چیز کی شدید محتاج ہے تو وہ ہے انسانیت۔ خلوص، مروت، مہر و وفا ایسے جذبے ہیں جو آدمیت کے لوازمات میں شمار ہوتے ہیں۔ آدمیت کے دشمن جذبات کی آج فراوانی ہے۔ لہو ستا ہے، پانی مہنگا ہے۔ خون خرابہ، شور شرابہ اور برائیوں کا ایسا بھنور ہے جس میں آدمی پھنستا ہی چلا جا رہا ہے۔ ایسے بھیانک اور خطرناک دور میں کوئی انسانیت کی بات کرتا ہے تو ساری دنیا اس کی طرف لپکتی ہے۔ نازشؔ نے اس حوالے سے بڑے اچھے شعر کہے ہیں۔ ان کے نزدیک ایک آدمی کا مرتبہ چاند ستاروں سے بلند ہے۔ ؂
مہ و نجوم کی دنیا جو مل گئی تو کیا
مزا تو جب ہے کہ نازشؔ وہ آدمی سے ملیں
یہ بات سب سے بڑی ہے زمانے کی
خلوص آج بھی لازم ہے آدمی کے لیے
بغض و فریب آج کمالات ہو گئے
یہ کیسے آدمی کے خیالات ہو گئے
اک دوسرے کو دیکھ کے کیچڑ اچھالنا
نازشؔ یہ دوستوں کے خیالات ہو گئے
شہرِ وفا کے لوگوں کی فطرت کو کیا ہوا
تھوڑی سی دشمنی سے فسادات ہو گئے
میں چاہتا ہوں فریقین میں بڑھے الفت
کدورتوں کا زمانہ تمام ہو جائے
کچھ شر پسند لوگوں نے بستی جلائی تھی
اشکوں سے اپنے آگ بجھانے لگے تھے ہم
کسی کے وقت پہ جو شخص کام آتا ہے
مری نظر میں وہ انساں نہیں فرشتہ ہے
سحاب قزلباش نے دل جلانے کی بات کی تھی ؂
بجھ رہے ہیں چراغ دیر و حرم
دل جلاؤ کہ روشنی کم ہے
نازشؔ اپنی شاعری سے زمانے میں اجالا بکھیرنا چاہتے ہیں ؂
نازشؔ میں چاہتا ہوں اجالا ہو ہر طرف
دل ہم نے جلایا تو اجالا یہ ہوا ہے
زندگی کے مختلف روپ ہیں۔ کسی کے لیے زندگی پھلوں کی سیج ہے، تو کسی کے لیے کانٹوں کا میدان۔ زندگی کے بارے میں مختلف دانشوروں نے مختلف آراء کا ذکر کیا ہے۔ مگر زندگی کیا ہے ؟ آج تک کوئی اس کی حقیقت کو نہیں پہونچ سکا۔ مسعودہ حیات (دہلی) نے زندگی کے حوالے سے بڑا پیارا شعر کہا ہے ؂
زندگی کی حقیقت بھی کیا چیز ہے،
ہر نظر کا الگ ہے بیاں دوستو!
ہے کسی کے لیے یہ فقط رنگ و بو
اور کسی کے لیے امتحاں دوستو!
لیکن جناب نازشؔ زندگی کو مسلسل سزا تصور کرتے ہیں ؂
اب اس سے بڑھ کے قیامت ہی کیا ہے میرے لیے
یہ زندگی تو مسلسل سزا ہے میرے لیے
آگے چل کر حق سے وہ ایسی زندگی طلب کرتے ہیں جو اس کی خوشنودی اور رضا میں صرف ہو، ایسی حیات سے وہ پناہ مانگتے ہیں جس میں حق شناسی نہ ہو، حق کی آگہی نہ ہو، رب کی رضا نہ ہو ۔ ؂
اس زندگی کی مجھ کو ضرورت نہیں کوئی
جس میں رضائے حق نہ ہو، حق آگہی نہ ہو
حق پرستی سب سے غیر سود مند شیوہ ہے۔ حق گو انسان کے دوست نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔ حق پرستی بہت بڑی چیز ہے۔ سچ کہنے کا حوسلہ اپنے اندر پیدا کرنا آسان کام نہیں۔ نازشؔ نے حق پرستی کے حوالے سے زمانے پر بڑا گہرا طنز کیا ہے۔ ؂
زمانہ سخت مخالف ہے حق پرستوں کا
یہ بات سچ ہے کہ اب جھوٹ بولیے یارو!
آواز حق بلند کرنے کے لیے اللہ کی مد کی ضرورت ہے، نازشؔ آواز حق کو ایک اعجاز تصور کرتے ہیں ؂
ساری دنیا گوش بر آواز ہے
حق کی ہر آواز اک اعجاز ہے
مشاہیر کی آراء
(۱) ’’ نازشؔ کڈپوی سوچ سمجھ کر شعر کہتے ہیں۔ ان کی شاعری دل کی کم دماغ کی شاعری زیادہ ہے۔ وہ خود بھی غور وفکر سے کام لیتے ہیں اور قاری کو بھی دعوتِ فکر دیتے ہیں۔ انہوں نے روایت کے احترام کے ساتھ ساتھ اجتہاد سے بھی کام لیا ہے۔ زبان وبیان پر ان کی گرفت مضبوط ہے اور ان کا اسلوب تازہ کار۔ نازشؔ کی غزلوں کی ایک اور خوبی تغزل ہے۔ ان کا تغزل محض شاعرانہ روایتی یا رسمی نہیں ہے، نئے رنگ اور آہنگ کا حامل ہے۔ مصرعوں کا دروبست ہی کچھ ایسا ہوتا ہے کہ اک سماں بندھ جاتا ہے ‘‘ (پروفیسر سلیمان اطہر جاوید)
(۲) ’’نازشؔ انقلاب کا شاعر ہے۔ امید اور حوصلے کا علمبردار، اور پھر جذبۂ خودی کا۔ صحت اگر ساتھ دیتی تو ان کا یہ کلام حسنِ کمال کی اور بھی بلندیوں کو چھو سکتا، اگر چہ کہ جو کچھ نازشؔ نے کہا ہے وہ بہت خوب ہے، بہت خوب ہے، لازوال ہے۔ ‘‘
(پروفیسر انور اللہ انورؔ )
(۳) ’’نازشؔ کی شاعری انسان دوستی سے لبریز ہے، قابلِ تحسین بات یہ ہے کہ نازش عملی زندگی میں بھی انسان وست واقع ہوئے ہیں۔ اس بات کا اقرار دوست ہی نہیں دشمن بھی کرتے ہیں۔ ‘‘ (محمود شاہد)
(۴) ’’نازشؔ ایک اچھے اور پر گو غزل کے شاعر ہیں۔ آپ کی تمام غزلیں سادہ مگر معنیٰ سے پر ہیں۔ ہر غزل کا مطلع اک شان، اک اٹھان لیے ہوئے ہے۔ اور اسی طرح آپ کی غزلوں کا ہر مقطع آپ کی شخصیت کا آئینہ دار ہے۔ آپ کے اسلوب بیان میں ایک تاثر،کیفیت، وجدان اور روحانیت ہے جو سامع اور قاری کے دل کو چھو لیتی ہے۔ ‘‘ (عبید صدیقی)
(۵) ’’ نازشؔ دوراں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ یہ کتاب حواس پر چھا جانے والی ہے۔ اس کتاب کی غزلیں شعریت کا دامن تھامے ہوئے ہیں۔ جس کی تائید عقل و منطق و ذوق و وجدان سے ہوتی ہے۔ اس سے طبع سامع کا خلجان دور ہوتا ہے۔۔۔۔ الفاظ کے دروبست کے معاملے میں نازشؔ صاحب احتیاط سے کام لیتے ہیں۔ اسے آپ لفظوں کا تقویٰ کہیں یا معنی کا فتویٰ، نازشؔ صاحب نے غزل کو نیم وحشی نہیں سلجھا، ان کی غزل ریاضی کیش ہے۔ ‘‘ (ڈاکٹر ساغرؔ جیدی)
٭٭٭

داوٗد نشاط

تعارف
حضرت داوٗد نشاط ۱۹۲۹ء میں پیدا ہوئے۔ ۲۰ جولائی ۱۹۹۲ء میں آپ کا انتقال ہوا۔ حضرت ابرار حسنی گنوری، حضرت طرفہ قریشی بھنڈاروی کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا۔ کڈپہ کے ادیبوں اور شاعروں میں آپ کو ایک امتیازی مقام حاصل ہے۔ داوٗد نشاط کے دو بیٹوں محمود شاہد اور سعید نظرؔ نے ان کی ادبی وراثت کو بخوبی سنبھالا اور فی الحال پوری تن دہی سے ادب کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ ۱۹۹۳ء میں ’’عالم نشاط‘‘ کے نام سے آپ کا شعری مجموعہ منظر عام پر آیا۔
شاعری
نشاط کی نعتیں :
رسول ﷺ کی مدح میں کہا جانے والا کلام نعت سے موسوم کیا جاتا ہے۔ لفظ نعت مدح رسول کے لیے بطور اسم استعمال ہوتا ہے۔ بہر کیف! داوٗد نشاط کی نعتوں میں قرآنی موضوعات کو زیادہ برتا گیا ہے۔ اطاعت رسول کو اطاعت الٰہی کہا گیا ہے۔ اور رسول کی اطاعت سے ہی اللہ کی اطاعت کی تکمیل ہوتی ہے۔ دونوں کی فرماں برداری بیک وقت لازم ہے۔ اسی صورت میں کامیابی کا حصول ممکن ہے۔ ورنہ کسی ایک کی اطاعت سے کوئی انسان کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ اس حوالے سے نشاطؔ نے بڑے سلیقے سے اشعار کہے ہیں۔ ؂
جس سے ترا مقصد نہ ہو عیاں
کس کام کی وہ دولتِ ایماں ترے بغیر
میرے تو ذہن میں ہی خدا کا نہ تھا وجود
لاتا خدا پہ کیسے میں ایماں ترے بغیر
سکون و اطمینان رسول ﷺ سے وابستگی میں پنہاں ہے۔ آج انسان چین، امن وسکون کو نہ جانے کہاں کہاں تلاش کر رہا ہے جب کہ حقیقت میں امن اطاعت رسول میں پوشیدہ ہے۔ اس حقیقت کی طرف اشارہ فرماتے ہیں ؂
کوئی خوشی ہی کر نہ سکی اس کو مطمئن
ہے آج بھی نشاطؔ پریشاں ترے بغیر
حدیث قرآن کی تفسیر ہے۔ قرآن کریم حدیث کے بغیر نا مکمل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں اجمالی حکم بیان فرمایا تو رسول کریم ﷺ نے اپنی احادیث میں اس کی صراحت کی ہے۔ قرآن میں کلیات کا ذکر ہے تو احادیث میں جزئیات کا ذکر ہے۔ کلیات پر عمل جزئیات کے علم کے بغیر ممکن نہیں ؂
ترے سمجھانے سے انداز عبادت آ سکے
نا مکمل ہے خدا کی بندگی ترے بغیر
اس کے ساتھ شاعر کو روضے میں حاضری کی خواہش، رسول ﷺ کے دیدار کی چاہت بے چین کیے رہتی ہے۔ رسول ﷺ کے در پر حاضر ہونے کی سعادت ہر ایک کے نصیبے میں نہیں ہوتی، وسائل کی موجودگی کے باوجود بہت سے لوگ اس دولت سے محروم رہتے ہیں۔ اور بعضے لوگ وسائل کی عدم موجودگی کے باوجود اس در پر حاضر ہو جاتے ہیں، جو خیر البشر کا در ہے، جو اس ذات کا در ہے جہاں سے ساری دنیا میں ہدایت کے چراغ روشن ہوئے۔ شاعر طیبہ کی حضوری کی خواہش ان الفاظ میں بیان کرتا ہے ؂
کرم اتنا مجھ پر احمد مختار ہو جائے
یہ عاصی بھی کسی دن حاضر دربار ہو جائے
نیز شاعر کے دل میں رسول ﷺ کے دیدار کی خواہش بھی انگڑائیاں لینے لگتی ہے ؂
کسی دن تو بہار آئے مرے باغ تمنا میں
کسی شب تو مرے سرکار کا دیدار ہو جائے
داوٗ د نشاطؔ نے اپنی نعتوں میں خصوصیت کے ساتھ ایک اور چیز کا ذکر کیا ہے وہ ہے بادۂ عرفاں۔ یعنی عرفان کی دولت، عرفان یعنی علم، خود شناسی کا علم، ایسا علم جو خدا کا خاص عطیہ ہے۔ یہ علم اللہ تعالیٰ اپنے مخصوص بندوں کو ہی عنایت کرتے ہیں۔ داوٗد نشاطؔ نے جام عرفاں کو کبھی مرکز انوار، کبھی سبب خمار بتایا ہے۔ نیز آپ نے یہ بھی فرمایا کہ کائنات کا عرفان رسول ﷺ کے بغیر ممکن نہیں ؂
عطا ہو مجھ کو ایسا جام عرفاں ساقیٔ کوثر
کہ جس کے پیتے ہی دل مرکز انوار ہو جائے
حشر تک طاری رہے یہ کیفیت مرے حضور
بادۂ عرفاں سے دل مرا بہت مخمور ہے
عرفاں ترے بغیر نہ قرآں ترے بغیر
بے سود ہے حرارت ایماں ترے بغیر
مشکل تھا کائنات کا عرفاں ترے بغیر
پردے میں تھی مشیت یزداں ترے بغیر
رسول ﷺ کی ناراضگی شاعر کے نزدیک سب سے بڑی سزا ہے ؂
اک مرے آقا سر محشر خفا مجھ سے نہ ہوں
ہر سزا اس کے سوا یا رب مجھے منظور ہے
داوٗد نشاطؔ کی غزلیں :
داوٗد نشاطؔ کی غزلوں کا مطالعہ بتاتا ہے کہ ان کی غزل درد و غم سے پر نور ہے، عشق کے جذبات سے معمور ہے، کبھی وہ وصل کا ذکر کرتے ہیں تو کبھی فصل کا، کبھی احباب کا شکوہ کرتے ہیں تو کبھی دنیا کو دار الامتحان قرار دیتے ہیں۔ کبھی حقائق کی طرف اشارہ کرتے ہیں تو کبھی موجودہ انسانوں سے انسانیت کے فقدان کا مرثیہ پڑھتے ہیں۔ کبھی اپنے محبوب کے یاد کرتے ہیں تو کبھی غم کا ذکر ان الفاظ میں کرتے ہیں کہ خوشی کے مقابلے میں غم کی قدر و قیمت بڑھ جاتی ہے۔ کسی کے غم کو اپنا غم سمجھنے کو ہی انسانیت سمجھتے ہیں۔ آئیے ! نشاطؔ کی غزلوں کے موتیوں سے اپنا دامن بھرتے ہیں۔
خوشی اور غم:
حضرت زاہد اعظمی نے فرمایا تھا ؂
زندگی میں خوشی کی نہ کر جستجو
جستجو تیری ناکام ہو جائے گی
غم کی دولت نہیں جبکہ سب کے لیے
پھر مسرت ہی کیوں عام ہو جائے گی
داوٗد نشاطؔ کی نظروں میں غم ایک ایسا ستارہ ہے جس کے بغیر زندگی کا تاریک آسمان روشن نہیں ہو سکتا، خوشی پل بھر کے لیے آتی ہے۔ بالکل چودہویں کے چاند کی طرح، پھر نہ جانے کہاں غائب ہو جاتی ہے۔ مگر خوشی کا ایک پل بھی کسی کو میسر آ جائے تو اس کے کیا کہنے ! انسان شب و روز مسرت کے حصول کے لیے کتنی محنت کرتا ہے، اس کی ساری کوششوں کا محور حصول مسرت ہے ؂
اس دور میں تو یہ بھی غنیمت ہے دوستو!
پل بھر کے کچھ خوشی بھی کسی کو اگر ملے
اور ایک شعر میں غمِ جاناں کی آرزو اس طرح فرماتے ہیں ؂
مجھ کو خوشی نہ ملے اس کا غم نہیں
یہ آرزو ہے آپ کا غمِ معتبر ملے
شجاعت:
بہادری اور بلند حوصلگی کو ہر زمانے میں سراہا جاتا ہے۔ یہ ایسا وصف ہے جو ہر مسلک و مشرب کے حامی کا پسندیدہ وصف ہے۔ شجاعت شاعر میں ہو تو اور بھی قابلِ تعریف ہے۔ کیونکہ اکثر و بیشتر شاعر بزدل ہوتے ہیں، سامنے کسی کو کچھ کہنے سے گھبراتے ہیں، اگر چہ کہ پیچھے اپنے دل کی بھڑاس ضرور نکالتے ہیں۔ داوٗد نشاطؔ کا حوصلہ ملاحظہ کیجیے ؂
کیا کیجیے نشاطؔ میں طوفاں پسند ہوں
ساحل بھی اب نگاہ میں ساحل نہیں رہا
طوفاں کا رخ سفینے نے پھیرا ہے لاکھ بار
طوفاں مرے سفینے کے قابل نہیں رہا
مرد وہ ہے جو زمانے میں تغیر و تبدل کا سبب بنتا ہے، زمانہ ساز شخص ہی کامل انسان ہوتا ہے۔ وہ انسان ذکر کرنے کے لائق نہیں جسے زمانہ تگنی کا ناچ نچائے۔ ؂
رہا ہوں ہر زمانے میں نشاطؔ عنوانِ افسانہ
زمانہ مرے افسانے کا عنواں ہو نہیں سکتا
دور حاضر:
دور حاضر کی عنایتیں مت پوچھیے، بشر جن اوصاف کی وجہ سے بشر ہے آج اس سے وہ اوصاف چھین لیے گئے۔ بلکہ زمانے نے ایسا پلٹا کھایا کہ عیوب کو ہنر گردانا جانے لگا۔ اخلاق کے معیارات بدل گئے۔ خوش اخلاقی خوش اخلاقی نہ رہی۔ ایسے تاریک زمانے کے حوالے سے نشاطؔ نے بڑے پیارے اور متأثر کن شعر کہے ہیں۔ نشاطؔ جب اس حوالے سے کہتے ہیں تو ان کا طنز نہایت کڑوا ہوتا ہے، موجودہ دور کی کثافتوں کے اظہار میں وہ خود کلامی کا انداز اختیار کرتے ہیں ؂
عنقاء ہے زمانے سے مساوات و اخوت
اوصاف بشر ڈھونڈنے نکلے ہو بشر میں
رہ رہ کے اٹھ رہا ہے ہر سمت کیوں دھواں
نفرت کی آگ شہر میں ہر سو لگی نہ ہو
تا بکے اڑتا رہے گا آدمیت کا مذاق
اک تماشا بن کے یارو زندگی رہ جائے گی
ہر گام پہ فریب نیا دے گئی مجھے
تہذیب نو کی دوست نما دوستی مجھے
موجودہ روشنی پہ نگاہیں جو کیں نشاطؔ
رگ رگ میں روشنی کو ملی تیرگی مجھے
خود اپنی نگا ہوں سے گرنے لگا ہے
یہ کیا آج حال بشر دیکھتا ہوں
جہاں میں عظمت انساں کو ڈھونڈنے والو!
اب آدمی ہے کہاں آدمی کا سایہ ہے
اب یہ ظاہر ہو رہا ہے صورت حالات سے
آج کا انسان شاید آخری منزل میں ہے
شعر اور شاعری:
نشاطؔ نے اپنی شاعری میں بعض مقامات پر اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ شاعر کے لیے کون سی چیزیں لازم ہیں، پر تأثیر شعر کب وجود میں آتا ہے اور شاعری کیا ہے ؟ شعر میں درد ہی تاثیر کا اصل سبب ہے، درد نہ ہو تو آورد سے کام لینا پڑتا ہے۔ آمد اور آورد کی شاعری کا فرق آپ اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ آپ کو اس کا بھی علم ہے کہ دونوں کی طرح کی شاعری میں کس کا مرتبہ بلند ہے ؟ فکر سخن کے لیے وہ غم کو لازم و ضروری قرار دیتے ہیں ؂
فکر سخن کے واسطے غم چاہیے نشاطؔ
جب تک کہ دل میں درد نہ ہو شاعری نہ ہو
شاعر بے حد ذہین اور چالاک ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کا ذہن اتنی دور تک جا پہونچتا ہے کہ ایک آدمی ان چیزوں کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ کوئی شخص شاعر کے ذہن کی وسعت کو پانا چاہے تو اس کے لیے صدیوں لگ جاتے ہیں، شاعر کے اسرار زمانہ کا امیں ہونا اسی بات پر دلالت کرتا ہے ؂
اسرار زمانہ کا امیں ہوتا ہے شاعر
ہر شعر مرا وقت کے سانچے میں ڈھلا ہے
ایک فنکار نہ جانے کتنا خون دل، خون جگر جلانے کے بعد شعر تخلیق کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔ جب تک شاعری میں خون جگر شامل نہ ہو شاعری حقیقی شاعری نہیں بن سکتی۔ جب شاعر اپنے دل کا چراغ روشن کرتا ہے تو ایک شعر وجود پذیر ہوتا ہے ؂
خون دل سے فکر و فن کے جب بھی جلتے ہیں چراغ
تب کہیں ڈھلتا ہے جا کر شعر اک تاثیر کا
جگرؔ کا تتبع:
شان تغزل حضرت جگرؔ مرادآبادی سے بھلا ادب کا کون سا طالب علم واقف نہ ہو گا۔ سوزوگداز، کیف وسرمستی اور درد ان کی شاعری کے نمایاں اوصاف ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ داوٗد نشاطؔ جگرؔ سے بہت متاثر ہیں، جگرؔ کی شاعری جگر کے پار ہوتی ہے، شاید اسی لیے بے اختیار داوٗد نشاط نے جگرؔ کے تتبع کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
شعروں میں نشاطؔ اپنے لاؤ گے وہ رنگ کہاں سے
جو رنگ تغزل کا ہے نغمات جگرؔ میں
خود شناسی:
داوٗد نشاطؔ نے بہت سی غزلوں اور مقطعوں میں اس بات کی صراحت کی ہے کہ ان کی شاعری عوام کی پسندیدہ شاعری ہے۔ ان کی شاعری میں جدید رنگ تغزل ہے، نئے مضامین ہیں، عصری حسیت ہے، جب یہ تین اوصاف کسی شاعری میں جمع ہو جائیں تو بھلا ایسے شخص کی شاعری عوام و خواص میں کیسے مقبولیت حاصل نہیں کرے گی۔ سرسری طور پر گزرنے والے جب نشاطؔ کے ان اشعار سے گزریں گے جن اشعار میں نشاطؔ نے اپنی شاعری کی تعریف کی ہے تو اسے شاعرانہ تعلّی پر محمول کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ نشاطؔ نے حقیقت پسندی سے کام لیا ہے، ان کی شاعری کا مطالعہ کرنے والا ہر انصاف پسند قاری اور نقاد یقیناً ان کی شاعری کی عظمت کا اعتراف کرے گا۔
نشاطؔ اپنی شاعری کو تجربات کا نچوڑ کہتے ہیں اور بہت کچھ جاننے کا دعویٰ کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ غرور اور خود پسندی کا شکار ہیں، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ خود شناس ہیں، انہیں اپنے وزن کا اندازہ ہے، انہیں بخوبی علم ہے کہ اردو ادب میں ان کا مقام و مرتبہ کیا ہے ؂
کوئی بھی روپ ہو پہچان لوں گا میں تجھ کو
میں کائنات کی ہر چیز سے شناسا ہوں
دلوں میں اتریں نہ کیوں سب مرے شعر نشاطؔ
جو بات کہتا ہوں میں تجربہ کی کہتا ہوں
ہے بادۂ اسرار دو عالم سے یہ لبریز
خالی مرے افکار کا مینا نہیں ہوتا
طرز ماضی سے کیا غرض ہے نشاطؔ
فکر نو ہو تو کوئی شعر ڈھلے
پھر جھومنے لگی ہے مسرت سے کائنات
میری غزل نشاطؔ کوئی گا رہا ہے کیا
جسے سن کے جھوم جائیں سبھی بام و در وطن کے
مجھے اے نشاطؔ اپنی ذرا وہ غزل سنانا
فضا پہ چھاتا ہے کیف و سرور کا عالم
نشاطؔ اپنی غزل جب کہیں سناتا ہے
دلوں سے ہر کسی کے داد و تحسین خود نکلتی ہے
نشاطؔ خوش نوا جب اپنی غزل سناتا ہے
مشاہیر کی نظر میں :
ڈاکٹر سلیمان اطہر جاوید کہتے ہیں کہ داوٗد نشاطؔ نے بھی غزل کو لب اور رخسار اور شمع اور پروانہ تک محدود نہیں رکھا، بلکہ اس نوعیت کے اشعار ان کے ہاں کم ملتے ہیں۔ ان کی غزل تو وہ غزل ہے جس کو ہم نئی غزل سے قریب پاتے ہیں، جس میں عصری مسائل کی گونج ملتی ہے، جس میں ہم معاشرے کے شب و روز، درد و کرب اور زندگی کی دھڑکنوں کو محسوس کیا جا سکتا ہے، کرب و بلا کو جس سے آج کا انسان گزر رہا ہے، آج کی الجھنیں، انتشار، خلفشار، نیز اقتصادی، تہذیبی، سیاسی اور اخلاقی بحران کی جلوہ گری کم یا زیادہ نشاطؔ کی غزلوں میں مل ہی جاتی ہے۔ داوٗد نشاطؔ نے زندگی کی ناہمواریاں اجاگر کرنے میں کسی تکلف سے کام نہیں لیا بلکہ جہاں تہاں تو ان کا لہجہ دو ٹوک اور جرأت مندانہ بھی ہو جاتا ہے۔
محمود عالم کہتے ہیں کہ داوٗد نشاطؔ کی غزلیں کلاسیکی انداز کے ساتھ ساتھ طرز جدید میں فکر تازہ کی نئی کونپلوں کو نمایاں ہونے کا موقعہ فراہم کرتی ہیں۔ نشاطؔ کے کلام میں حد درجہ معنویت اور غنائیت ہے اور یہی ان کی مقبولیت کا سبب ہے۔
٭٭٭

دو ملک دو شاعر مولانا عامر عثمانی

مولانا عامر عثمانی دیوبند کے مایہ ناز فرزند تھے۔ دیوبند کے کتب خانے سے انہوں نے بہت زیادہ استفادہ کیا۔ وہ حقیقی معنوں میں بحر العلوم تھے۔ ۱۹۲۰ء میں ضلع ہردوئی میں پیدا ہوئے، پورا نام امین الرحمن تھا، لیکن علمی و ادبی حلقوں میں عامر عثمانی کے نام سے معروف ہوئے۔ دیوبند سے سند فراغت حاصل کرنے کے بعد متعدد علمی وادبی رسائل میں لکھنے لگے۔ بعد میں اپنا ایک ذاتی رسالہ ’’تجلی‘‘ نکالا، دیوبند کے طلباء کو یہ رسالہ پڑھنے کی اجازت نہ تھی، لیکن پھر بھی طلباء چھپ چھپا کر کسی نہ کسی طرح مولانا کے رسالے کا مطالعہ کیا کرتے تھے۔ آپ نے ثابت کر دیا کہ ادب کے ذریعہ بھی علم کی خدمت کی جا سکتی ہے۔ آپ کا انداز بیان اتنا جاذب و دلکش تھا کہ مخالفین لاکھ دشمنی وبغض کے باوجود آپ کی تحریروں سے استفادہ کیا کرتے تھے۔ ’’تجلی‘‘ نے علمی و ادبی حلقوں میں ایک تہلکہ مچا دیا اور جب تک یہ رسالہ باقی رہا اپنی آن بان اور شان کیساتھ باقی رہا۔ ’’تجلی‘‘ نے بہت جلد اپنا ایک علمی مقام بنا لیا، مولانا شاعری میں کسی کے شاگرد نہ تھے، مگر رئیس المتغزلین جگرؔ مرادآبادی کے رنگ میں شعر کہنے کی ضرور کوشش کرتے تھے۔ آپ کا وجدان ہی آپ کا رہنما تھا۔ زبان بڑی ٹکسالی اور دھلی دھلائی تھی۔ جو کہنا چاہتے بغیر کسی تکلف اور جھجھک کے صاف صاف کہہ جاتے، کہیں کسی قسم کے آورد کا بالکل احساس نہیں ہوتا۔ ’’تجلی‘‘ میں ایک مستقل مزاحیہ کالم ’’مسجد سے میخانے تک‘‘ کے عنوان سے شائع ہوتا تھا۔ آپ ملا ابن العرب مکی کے نام سے یہ کالم لکھا کرتے تھے۔ کتنا اچھوتا اور طنز و مزاح سے بھر پور اندازِ بیان ہوتا تھا! یہ کالم اتنا مقبول ہوا کہ اسی کو پڑھنے کے لیے لوگ ’’تجلی‘‘ کے خریدار بننے لگے اور معتقدین عامرؔ عثمانی میں روز افزوں اضافہ ہونے لگا۔ آپ نے اپنے اس کالم کے ذریعہ ثابت کر دیا کہ طنز و مزاح صرف تفریحی نہیں ہوتا بلکہ مقصدی بھی ہوتا ہے۔ دین اسلام اور مسلمانوں میں جو کمزوریاں قلت علم کی وجہ سے پیدا ہو گئی تھیں، ان پر آپ بڑی گہری اور کاری چوٹ کیا کرتے تھے اور ’’نہ جائے رفتن نہ پائے ماندن‘‘ والا معاملہ ہوتا تھا۔
کبھی ایسا ہوتا تھا کہ مولویوں کی پیٹ پالو ذہنیت پر بھی آپ چوٹ کرنے سے باز نہ آتے۔ (حالانکہ آپ بھی مولانا تھے۔ ) طنز و مزاح کی جو جو شکلیں ہو سکتی ہیں، ان تمام کو آپ اپنے اس کالم میں استعمال کرتے تھے۔ مکتبہ صائم دہلی نے ان کالموں کا انتخاب بڑے خوبصورت ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا ہے۔ آج سے دو سال قبل جب میں بنگلور کسی کام سے گیا تھا تو وہاں اپنے ایک دوست کے پاس یہ کتاب دیکھی، اور مجھے بڑی خوش گوار حیرت ہوئی کہ آج بھی قدر دانانِ عامرؔ عثمانی باقی ہیں۔
ماہرؔ القادری (اپنے وقت کے ممتاز شاعر، مبصر اور افسانہ نگار) اپنے رسالے ’’فاران‘‘ (کراچی) میں جس خوبصورت اور چبھتے ہوئے انداز میں تبصرہ کرتے تھے، اس کا تتبع کرنے کی کوشش بہت سے حضرات نے کی لیکن سب کے سب ناکام رہے۔ سوائے مولانا عامر عثمانی کے اور اس بات کا اعتراف خود ماہر القادری نے کیا تھا۔ خصوصاً علمی کتابوں پر مولانا جس گہرائی اور دیدہ ریزی سے تبصرہ کیا کرتے تھے، یہ ان کا خاص وصف تھا۔ (آج بھی تبصرے ہوتے ہیں لیکن مبصرین تبصروں پر آج کل زیادہ محنت نہیں کرتے، الٹا سیدھا جو بھی ذہن میں آیا لکھ دیتے ہیں۔ )
ابوالاثر حفیظؔ جالندھری نے شاہنامہ اسلام لکھا تھا اور یہ شاہنامہ بہت مشہور ہوا تھا۔ مولانا عامر عثمانی نے ’’شاہنامہ اسلام جدید‘‘ کے نام سے اسلامی حکایات کو منظوم انداز میں بیان کرنا شروع کیا تھا اور بعد میں یہ اشعار کتابی شکل میں شائع ہوئے۔ نہ صرف شائع ہوئے بلکہ انتہائی مقبول ہوئے۔ آپ کا کلام سادگی اور پرکاری کا اعلیٰ نمونہ تھا۔ اثر انگیزی ہر ہر شعر سے ٹپکتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے والی بات آپ کے کلام میں محسوس ہوتی ہے، قدرت کا یہ قانون ہے کہ جو چیز انتہائی معیاری ہوتی ہے وہ زیادہ دن تک برقرار نہیں رہتی۔ قدرت کا یہ قانون آپ کسی بھی چیز پر منطبق کر کے دیکھیں، یقیناً آپ یہ قانون پوری طرح کارفرما پائیں گے۔ مولانا پونا کے ایک مشاعرے مین شرکت کرنے کی غرض سے گئے، حالانکہ آپ بیمار تھے اور ڈاکٹر نے باہر نکلنے سے منع کیا تھا، لیکن جو اللہ نے مقدر میں لکھا ہے وہ ہو کر رہتا ہے، چنانچہ آپ نے اپنی ایک نظم بڑے پر درد انداز میں سنائی، اور وہ نظم یہ تھی ’’جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں ‘‘ اور دس منٹ بعد وفات پائی۔ مولانا کے انتقال پر علمی و ادبی دنیا میں ایک لمحے کے لیے سناٹا چھا گیا، پھر وہ شور اٹھا کہ مت پوچھیے، اخبارات میں تعزیتی مضامین کا تانتا بندھ گیا، ماہرؔ القادری مرحوم نے آپ کی وفات پر ’’فاران‘‘ میں جو تعزیتی مضمون لکھا تھا، اس کی یہ سطریں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتی رہیں گی۔
’’مولانا عامر عثمانی کا مطالعہ طویل و عریض اور عمیق تھا، وہ جو بات کہتے تھے کتابوں کے حوالے اور عقلی و فکری دلائل و براہین کے ساتھ کہتے تھے، پھر سونے پر سہاگہ زبان و ادب کی چاشنی اور سلاست و رعنائی۔ تفسیر، حدیث، فقہ، تاریخ، لغت و ادب غرض تمام علوم میں مولانا عامر عثمانی کو قابل رشک بصیرت حاصل تھی۔ جس مسئلے پر قلم اٹھاتے اس کا حق ادا کر دیتے، ایک ایک جزئیے کی تردید و تائید میں امہات الکتب سے حوالے پیش کرتے، علمی و دینی مسائل میں ان کی گرفت اتنی سخت ہوتی کہ بڑے بڑے جغادری اور اہل قلم پسینہ پسینہ ہو جاتے۔ ‘‘
میں نے جب مولانا کے کلام کا مطالعہ کیا تو بڑی حیرت ہوئی کہ کتنی سلاست اور روانی آپ کے کلام میں ہے۔ ایسی دھلی دھلائی، شیریں اور پیاری زبان کہ بے اختیار دل مچل جائے اور تڑپ تڑپ جائے۔ بڑی بڑی بحروں میں بھی آپ بڑے خوبصورت اور با معنیٰ اشعار کہتے ہیں۔ آپ کے اشعار کے اسی معروضی حسن کی وجہ سے مرکزی مکتبہ اسلامی نے آپ کا مجموعہ ’’یہ قدم قدم بلائیں ‘‘ کے عنوان سے شائع کیا ہے، اور انتساب ہے ’’قدر دانانِ عامرؔ عثمانی کے نام‘‘ آپ کی ایک غزل کے کچھ منتخب اشعار پیش ہیں۔
یہ قدم قدم اسیری یہ حسین قید خانا
کوئی طوق ہے نہ بیڑی کوئی دام ہے نہ دانا
کوئی ہو سمجھنے والا تو بہت نہیں فسانہ
کبھی مسکرا کے رونا کبھی رو کے مسکرانا
یہ عبادتیں مرصع یہ سجود مجرمانہ
مجھے ڈر ہے بن نہ جائے مرے کفر کا بہانا
مرے زخم بھر نہ جائیں مجھے چین آ نہ جائے
یہ کبھی کبھی توجہ ہے ستم کا شاخسانا
وہ کبھی جہاں پہ عامرؔ مجھے چھوڑ کر گئے تھے
ہے رکی ہوئی وہیں تک ابھی گردش زمانا

احمد فراز

پاکستان سے فیض احمد فیضؔ اور قتیل شفائی کے بعد جو شعراء شہرت کی بلندیوں تک پہونچ گئے، ان میں سب سے بڑا اور اہم مقام احمد فرازؔ کا ہے۔ فرازؔ بڑی بڑی باتیں اور بہت خوبصورت باتیں مشکل زمینوں میں رواں دواں انداز بیان میں کہہ جاتے ہیں۔ ہمارے ہندوستان میں جو بھی قابل ذکر اور بڑا مشاعرہ ہوتا ہے اور اس میں پاکستانی شعراء کو مدعو کرنے کی بات کی جاتی ہے تو سب سے پہلے احمد فرازؔ کا نام آتا ہے۔ احمد فرازؔ نے حسن و خوبصورتی اور ہجر و وصال پر بڑے خوبصورت اشعار کہے ہیں۔ الفاظ میں سادگی اور پرکاری کا حسن نمایاں ہوتا ہے کہ جس کی وجہ سے ہر خاص و عام کی سمجھ میں آپ کا شعر بہت اچھی طرح آ جاتا ہے اور احمد فرازؔ کی تمام حلقوں میں مقبولیت کا بھی یہی سبب ہے۔ انہوں نے اپنے فکر اور تخیل سے ایک نیا پیکر تخلیق کیا ہے اور یہ پیکر ہندوستان اور پاکستان کے لوگوں کے اذہان و قلوب میں مشک و عنبر کی خوشبو کی طرح رچ بس گیا ہے۔ انہوں نے بہت تھوڑے عرصے میں بڑی شہرت حاصل کی اور ان کے اشعار کی خوشبو نہ صرف ہندوستان بلکہ اردو کی نئی بستیوں تک پہونچ چکی ہے، اور آئے دن آپ لندن، امریکہ وغیرہ کے مشاعروں میں بھی مدعو کیے جاتے ہیں۔ آپ کی شاعری کا سب سے بڑا حسن خود کلامی کی کیفیت ہے، اور یہ کیفیت تجربات و مشاہدات کے بحر بیکراں عبور کرنے سے ہوتی ہے۔
احمد فراز کا خاندانی نام سید احمد شاہ ہے۔ والد کا نام سید محمد شاہ برقؔ ہے۔ (جو اپنے وقت کے نغز گو شاعر تھے۔ )احمد فراز ۱۴ جنوری ۱۹۳۱ء میں پیدا ہوئے۔ اردو فارسی میں M.A کی سند حاصل کی۔ فی الحال نیشنل بک فاؤنڈیشن کے سربراہ ہیں۔ ایک درجن سے زائد شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ ابھی دہلی سے ’’کلام احمد فرازؔ ‘‘ کے نام سے 1060صفحات میں احمد فرازؔ کے ۱۳ مجموعے ایک ساتھ شائع ہو چکے ہیں۔
بقول ساحلؔ احمد
’’وہ زندگی کو سرتاپہ محبت بنا دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ........ان کی نگاہیں تجربات و مشاہدات سے کبھی خالی نہیں رہیں۔ رومان و انقلاب کے مشترکہ احساس نے ان کی غزلوں میں خود کلامی کی بھی کیفیت پیدا کی ہے۔ اور اکثر مقامات پر وہ میرؔ کی طرح سخن طراز نظر آتے ہیں۔ ان کا فن ماضی کی روایت سے اور عصر حاضر کی جد و جہد سے منسلک و مربوط ہے۔ ‘‘
جناب ساحل احمد کا یہ تجربہ کتنا حقیقت کے قریب ہے کہ ’’وہ میرؔ کی طرح سخن طراز نظر آتے ہیں ‘‘ میرؔ کی شاعری میں جو غم و آلام کی پرچھائیاں ہیں، درد و کرب کے سائے ہیں ، فراق کی سوزش ہے، یقیناً یہ احمد فرازؔ کی شاعری کا جز بن چکی ہے۔ آپ بالیدہ خیالات کو حسن وبیان کی زیبائش سے ایسے آراستہ وپیراستہ کرتے ہیں کہ ’’وہ کہیں اور سنا کرے کوئی‘‘ رواں دواں اسلوب سے قاری لطف اندوز ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ امن و آشتی کو زیادہ تر اپنی شاعری کا جز بنانا پسند کرتے ہیں۔ آپ کی غزل کے یہ شعر ملاحظہ ہوں۔
سنا ہے لوگ اسے آنکھ بھر کے دیکھتے ہیں
سو اس کے شہر میں کچھ دن ٹھہر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے درد کی گاہک ہے چشم ناز اس کی
سو ہم بھی اس کی گلی سے گزر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے بولے تو باتوں سے پھول جھڑتے ہیں
یہ بات ہے تو چلو بات کر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے حشر میں اس کی غزال سی آنکھیں
سنا ہے اس کو ہرن دشت بھر کے دیکھتے ہیں
بس اک نگاہ میں لٹتا ہے قافلہ دل کا
جو رہ روان تمنا ہیں اسے ڈر کے دیکھتے ہیں
کسے نصیب کہ بے پیرہن اسے دیکھے
کبھی کبھی در و دیوار گھر کے دیکھتے ہیں
اب اس کے شہر میں ٹھہریں کہ کوچ کر جائیں
فرازؔ آؤ ستارے سفر کے دیکھتے ہیں

٭ ٭ ٭

احمد کمال پروازی

اندھیری رات کا لمبا سفر تو بعد میں ہے
یہ جگمگاتا ہوا شہر کاٹتا ہے ابھی
تمہارے ساتھ گزارے ہوئے مہینوں سے
تمہیں نکالتے رہنے کا سلسلہ ہے ابھی
بچوں کے ساتھ کھیلے ہوئے دن گزر گئے
کچھ روز پہلے دوسرا مہمان گھر میں تھا
ایسے بہترین اور با معنیٰ اشعار کے خالق جناب احمد کمال پروازی ہیں۔ کمالؔ با کمال آدمی ہیں۔ ان کی شاعری ایک طرف غزل کے روایتی موضوعات کی طرف اشارہ کرتی ہے، تو دوسری طرف محبت، خلوص، ایثار، اور وفاداری جیسے جذبات کے فقدان کا مرثیہ پڑھتی ہے۔ یہ وہ جذبات ہیں جو معاشرے کے لیے بہت ضروری ہیں۔ آج کے ترقی یافتہ دور میں یہ تمام چیزیں ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ خلوص کا اتہ پتہ نہ رہا۔ اس حوالے سے وہ فرماتے ہیں ؂
ابھی تو تیرے عزیزوں کا رول باقی ہے
جو بچ گیا وہ تیرے مہربان لے لیں گے
کسی ذلیل کے ہاتھوں سے بچ بھی جائے تو کیا
شریف لوگ ترا سائبان لے لیں گے
میں تو کہتا ہوں کہ عزت کی دعائیں مانگو
جب یہ فیشن ہے کہ ہر چیز خریدی جائے
ڈر لگ رہا ہے یہ بھی کوئی سانحہ نہ ہو
پہلے تو اتنا تیز اجالا ہوا نہ تھا
احمد کمال پروازی نے بہت سے موضوعات کو پہلی بار چھوا ہے۔ انہوں نے بے شمار موضوعات کو غزلایا ہے، جسے کسی اور شاعر نے غزل میں موضوع سخن نہیں بنایا۔ غربت اور غریبی کے چہرے کو جس زاویے سے انہوں نے برتا غالباً کسی اور شاعر نے اس نظر سے غربت کو دیکھنے کی جرأت نہ کی۔ مثال کے طور پر دو شعر ؂
غریبوں کی طرح تم پھیل جاؤ
ہزاروں سال تک زندہ رہو گے
کمالؔ آؤ چلو گندی بستیاں دیکھیں
دھواں گھروں سے نکلتا ہوا مزہ دے گا
غزل کے لفظوں میں چاشنی، حسن، بانکپن، تازگی پیدا کرنے کے گر سے وہ خوب واقف ہیں، وہ بڑے سادہ الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری سروں کے اوپر سے نہیں گزرتی بلکہ دل کے دریچوں میں داخل ہوتی ہے۔ باد صبا کی طرح خوشگوار احساس پیدا کرتی ہے۔ وہ بہت کم کہتے ہیں، لفظ لفظ ناپ تول کر رکھتے ہیں، الفاظ کے انتخاب نے انہیں رسوا نہیں کیا بلکہ اونچا بہت اونچا کیا۔ حتیٰ کہ وہ مختلف لب و لہجہ کے شاعر کے طور پر جانے پہچانے جاتے ہیں۔ پروفیسر عتیق اللہ ان کی شاعری کے حوالے سے کہتے ہیں : ’’کمال کی شاعری اپنی ترکیب میں مختلف پن کا شدید احساس دلاتی ہے ‘‘
احمد کمال نے ہمارے دور کے تصادم کو بڑی شدت سے محسوس کیا ہے، ویسے بھی شاعر وہ شخص کہلاتا ہے جو احساس کی شدت کا حامل ہوتا ہے۔ زندگی کی سفاک اور دردناک تصاویر کو انہوں نے اپنی شاعری کے فریم پر منعکس کیا ہے۔ انہوں نے اظہار حقیقت کے باوجود غزل کے لہجے کی خوبصورتی بر قرار رکھی ہے۔ یقیناً یہ بہت بڑی بات ہے ؂
یہ بستی اک دشت کربلاء ہے
ٹھہر جاؤ میں پانی لا رہا ہوں
خدا کے فضل سے سونا اگل رہی ہے زمین
مگر کسان تو اب بھی کسان جیسا ہے
بہت خوشحال رکھا ہے اے رسم زندگی تو نے
بھروسہ تجھ پہ لیکن کم سے کم ہوتا تو سب ہوتا
خیالات، جذبات، احساسات تو سب میں ہوتے ہیں، مگر سلیقے سے ان خیالات کے اظہار کا فن بہت کم لوگوں کو ودیعت ہوتا ہے۔ اظہار کا وہ سلیقہ جو قاری اور سامع پر یکساں اثر ڈالے، احمد کمال پروازی کا امتیاز ہے۔ کہی اور انکہی کے درمیان ان کی شاعری سفر کرتی ہے۔ ان کا یہ وصف خصوصی مجھے بہت متاثر کرتا ہے اور اچھا لگتا ہے۔ شہر دلّی سو مرتبہ لوٹا گیا، تباہ اور برباد ہونا اس شہر کی ایک روایت ہے، ’دل‘ جس طرح حرکت کرتا ہے اور ایک حالت پر برقرار نہیں رہتا، یہی حالت شہر دلّی کی ہے، دلّی کو کمالؔ نے بطور استعارہ استعمال کیا ہے۔ دو اشعار میں دلّی کے بکھرنے کو مجسم شکل میں ڈھال دیا ہے ؂
دلّی دربار نکھرنے کے لیے ہوتا ہے
شاہ مسند سے اترنے کے لیے ہوتا ہے
اب دلوں کو بھی مزاحاً دلّی ہونا چاہیے
اپنی بستی کو دھوئیں کا عادی ہونا چاہیے
احمد کمال پروازی کا پہلا شعری مجموعہ 1988 میں منظر عام پر آیا۔ ناقدین اور اردو ادب کے شیدائی اس مختلف شعری مجموعے ’’مختلف‘‘ کی طرف متوجہ ہوئے، اگرچہ یہ مجموعہ کمیت کے لحاظ سے بہت مختصر ہے، مگر کیفیت میں ’’مختلف‘‘ کی کیفیت ضخیم سے ضخیم ترین شعری دیوان سے کم نہیں ہے۔ دوسرا شعری مجموعہ بہت دیر سے یعنی 2005 میں ’’برقرار‘‘ کے نام سے منظر عام پر آیا۔ اگر چہ ان دونوں مجموعوں میں طویل زمانی بُعد ہے مگر کیفیتی بُعد بالکل نہیں۔ وہ اپنی شناخت بنانے اور اپنے مخصوص اسلوب کو پوری طرح برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
مجھے امید ہی نہیں یقین ہے کہ احمد کمال پروازی عرصے تک یاد رکھے جائیں گے، انہوں نے موضوعاتی لحاظ سے ہماری روایتی غزل میں ایسے اضافے کیے ہیں جنہیں بھلایا نہیں جا سکتا، اردو زبان کے تئیں ان کے عشق اور محبت کے غماز شعر پر اپنے مختصر مضمون کا اختتام کرتا ہوں۔ ؂
ہم اپنا کام کرتے ہی چلے جائیں گے محفل سے
پھر اس کے بعد اردو کی حفاظت تم کو کرنی ہے
٭٭٭

جلیل ساز

تعارف:

علم و ادب میں کافی شہرت یافتہ شہر یعنی ناگپور سے جلیل سازؔ صاحب کا تعلق ہے، آپ کی غزلیں میں نے جستہ جستہ شاعر (مدیر: افتخار امام صدیقی، ممبئی)میں دیکھیں، اچھی لگیں، اور دل کو چھو گئیں، اب جب کہ ان کا مکمل مجموعۂ کلام ’’نگاہ‘‘ میرے سامنے ہے تو مجھے خوشی اور مسرت محسوس ہو رہی ہے۔ شاعری پر گفتگو سے قبل میں ان کا تعارف کرا دینا مناسب سمجھتا ہوں، آپ کے آباء و اجداد ۱۸۵۷؁ء کے بعد مبارکپور، ضلع مؤ سے ہجرت کر کے ناگپور منتقل ہو گئے، والد کا نام تھا حاجی محمد رفیق، جن کی دوسری بیوی سے تین لڑکے یعنی جلیل سازؔ ، وکیل پرویز، عبد القدیر اور تین لڑکیاں تولد ہوئیں، اور جلیل سازؔ کی تاریخ پیدائش ہے ۲ فروری ۱۹۳۱؁ء۔ آپ کی تعلیم دسویں جماعت سے آگے نہیں بڑھی، لیکن آپ کو تجربے نے اتنا کچھ سکھا دیا کہ زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ انسان بھی آپ کے سامنے ہیچ معلوم ہوتا ہے، عبد الصمد اختر، طرفہ قریشی، بھنڈاری اور احسان دانش سے اپنے کلام کی اصلاح لیتے رہے، ۱۹۵۶؁ء میں فارغ الاصلاح قرار دے دیے گئے، اس کے بعد سے آج تک مسلسل شاعری کر رہے ہیں اور اردو کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ شاعری کے ساتھ ساتھ سیاسی مضامین لکھنے اور سماجی خدمت کرنے سے بھی حد درجہ دلچسپی ہے۔ آپ ڈاکٹر ذاکر حسین ڈی۔ ایڈ کالج کے بانی و صدر ہیں۔ نیز مجیدیہ گرلس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج (مومن پورہ) کے بھی صدر ہیں۔ ۱۹۶۲؁ء سے ۱۹۶۷؁ء تک محمد علی سرائے کے جوائنٹ سکریٹری رہ چکے ہیں۔ مدرسۂ یعقوبیہ کے بھی کئی سال سکریٹری رہ چکے ہیں۔ جلیل سازؔ نے اپنے تجربات کے بارے میں لکھا ہے :
’’سیاسی وسماجی خدمات کے دوران مجھ کو جو تجربے اور مشاہدے ہوئے ہیں میری فکر کا محور قرار پائے۔۔۔۔ میری تعلیم دسویں سے آگے نہ جاسکی۔۔۔ میرے جوہر کو بزرگوں نے نمایاں کیا۔ بفضل تعالیٰ انگریزی، اردو، ہندی اور فارسی پر بخوبی گرفت ہے۔ میرے دل میں جو جذبات ہیں وہ بھی بزرگوں کی صحبت میں رہنے سے پیدا ہوئے ہیں۔ سچائی یہی ہے کہ بزرگوں کے سائے میں رہ کر انسان جو کچھ سیکھتا ہے وہ بہت کارآمد ہوتا ہے۔ ‘‘
اخلاق سے بھر پور شاعری

ہر مذہب (خواہ اس کا تعلق آسمانی مذاہب سے ہو یا زمینی مذاہب سے ) میں اچھے اخلاق کو بے حد اہمیت دی گئی ہے۔ نبی ا کرم ﷺ نے عربوں کے دل حسن اخلاق کی بدولت جیتے قرآن کریم نے اس بات کی گواہی دی ہے : وانک لعلیٰ خلق عظیم (ترجمہ: یقیناً آپ (یعنی رسول ﷺ)اخلاق کے بلند ترین منصب پر فائز ہیں ) عروج یافتہ قوم کی نشانی عمدہ اخلاق ہوا کرتے ہیں۔ کسی قوم کو جب زوال لاحق ہوتا ہے تو سب سے پہلے حسن خلق کی صفت اس سے چھین لی جاتی ہے، اسی کے پیش نظر ہمارے شاعر نے بڑے پیارے اور رس بھرے شعر کہے ہیں۔ ملاحظہ کریں :
اخلاق کے داعی ہم، وحدت کے پیامی ہم
اس عالم فانی میں ہیں نقش دوامی ہم
مرے خلوص کا ادنیٰ کمال یہ بھی ہے
ہر ایک شخص لپٹتا ہوا نظر آیا
ہوس سیم و زر ہے روح کا روگ
دے مجھے عافیت کا سرمایہ
ٹھہر جاتی ہے سچائی جہاں بھی
نکل آتے ہیں رستے کربلا کے
ملو تو سازؔ خلوص اور سادگی سے ملو
نہیں پسند یہ بے جا تکلفات مجھے
انکے دل کا آئینہ صاف تھا کدورت سے
نسل کتنی پیاری تھی وہ کہانیوں والی
ایسی زندگی سے تو سازؔ موت بہتر ہے
چند سانسیں اور وہ بھی مہربانیوں والی
قدم زمیں پہ جما کے چلو تو بات بنے
پھر اپنے سر کو اٹھا کے چلو تو بات بنے
تجلیوں سے ہیں محروم تک کئی گوشے
وہاں بھی دیپ جلا کے چلو تو بات بنے
سیاہ رات بہت ہے یہاں کدورت کی
دلوں میں پیار جگا کے چلو تو بات بنے
کھلے بدن کی نمائش کا بڑھ گیا ہے رواج
نظر کو اپنی جھکا کے چلو تو بات بنے
دوسروں کی جستجو شام و سحر
آدمی خود کی خبر رکھتا نہیں
اندھیرے راستے میں جس کو روشن کر گیا کوئی
نچھاور اس دیے کی روشنی پر ساری تنویریں
ہمارے عہد کے رہبر کا سازؔ اللہ حافظ ہے
مسیحا خود اگر بیمار ہو تو کیسی تدبیریں
طنزیہ شاعری

معاشرے میں دو قسم کے افراد ہوتے ہیں، ایک قسم کے افراد تو وہ ہیں جن کا تعلق بے حسی، بے ضمیری اور بے شعوری سے ہوتا ہے، وہ بڑی سے بڑی برائی کو بھی معمول کی بات سمجھتے ہیں اور اس سے ان کے معمول پر کوئی فرق نہیں پڑتا، دوسر قسم کے افراد وہ ہیں جو بڑے ہی حساس، دل دردمند رکھنے والے اور سارے جہاں کا درد رکھنے والے ہوتے ہیں۔ دنیا میں کہیں بھی غلط ہو تو سب سے پہلے اس کا اثر ان کے دل پر ہوتا ہے۔ اور صرف ذمہ داری محسوس کرنا کمال نہیں ہے بلکہ اسے پورا کرنے کی کوشش کرنا کمال ہے۔ اس احساس کو ظاہر کرنے کے لیے کوئی شاعری کا سہارا لیتا ہے تو کوئی نثر کا، کوئی تقریر کا سہارا لیتا ہے تو کوئی تحریر کا، اور ہمارے شاعر محترم جلیل سازؔ کا تعلق معاشرے کی اسی دوسری قسم سے ہے۔ جی ہاں ! جلیل سازؔ بڑے حساس دل انسان ہیں، با ضمیر ہیں، معاشرے کے تعلق سے وہ اپنی ذمہ داری پوری طرح محسوس کرتے ہیں۔ اور اسے نبھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ اور یہ کمال جلیل سازؔ کے اشعار سے بخوبی محسوس کیا جاسکتا ہے۔ جلیل سازؔ نے اپنے حساس ہونے کا ذکر اپنے ایک شعر میں اس طرح کیا ہے۔
احباب کا شکوہ کیا، دنیا سے شکایت کیوں
اے ساز ہمیں اپنے احساس نے مارا ہے
سازؔ کے یہاں ان اشعار کی کثرت ہے، جن میں معاشرے کے برے اور گندے عناصر پر طنز، جھوٹی شان و شوکت پر طنز، کھوکھلے دعووں، انا پرستی، دوسروں کی تحقیر، اپنوں کی بے وفائی، خود غرضی، فحاشی، ننگا پن، بے حسی، مردہ ضمیری، اپنے آپ کو سب کچھ سمجھنا، زندگی کی مشکلیں، پریشانیاں، موجودہ ترقی یافتہ دور کی اخلاقی گراوٹ، جنسی انارکی، مال کی اور مالداروں کی بے جا تعریف و توصیف، غریبوں کی تحقیر ان تمام جذبوں اور احساسات پر ان کی شاعری میں بے حد طنز پایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بار بار ہمیں ان کی شاعری کے ان کے احساسات کے صحیح ہونے کی تصدیق کرنی پڑتی ہے، ان کے مفروضات کو ماننا پڑتا ہے، وہ بار بار ہمیں اپنے زمین پر ہونے کا احساس دلاتے ہیں، یہ احساس اس وقت اور شدت اختیار کر لیتا ہے جب وہ اپنے اقارب کے عقارب ہونے کا تذکرہ کرتے ہیں، انسانوں کے حیوان بننے کا ذکر چھیڑتے ہیں۔
سازؔ نے یہ طنزیہ اسلوب کہیں شدت کے ساتھ برتا ہے، تو کہیں تمثیلی پیرایہ اختیار کیا ہے، کہیں اشاروں کنایوں سے کام لیا ہے تو کہیں تفصیلی انداز اختیار کیا ہے، سازؔ کے چند اشعار بطور نمونہ پیش کرنا چا ہوں گا:
وہ سایہ بن کے مرے ساتھ ساتھ رہتا تھا
بڑھا اندھیرا تو ہٹتا ہوا نظر آیا
کل کے قصے نہ سنا آج حقیقت ہے یہی
کون دنیا میں وفاؤں کا صلہ دیتا ہے
ہے زخم زخم بدن اور جی رہا ہوں میں
رہیں گے یاد عزیزوں کے التفات مجھے
جہاں میں بھوک سے نہیں کوئی عظیم اے سازؔ
خدا کو بھول گئے لوگ روٹیاں پا کر
کھلے بدن کی نمائش کا بڑھ گیا ہے رواج
نظر کو اپنی جھکا کے چلو تو بات بنے
یاد آ کے رہ جاتے ہیں اے سازؔ سلوک احباب
وقت کے ساتھ سبھی زخم تو بھر جاتے ہیں
دوسروں کی جستجو شام و سحر
آدمی خود کی خبر رکھتا نہیں
ہم نے بھی دنیا سے سیکھا یارو بچ کر چلنا
ہم مشرب کو ساتھ میں رکھا، کم ظرفوں کو ٹالا
سادھو، گیانی، شکشک، نیتا، پاکھنڈی سب لوگ
مالک کیسے مکاروں سے پڑ گیا اپنا پالا
اپنی کرتوتوں کا جلوہ دیکھ رہی ہے دنیا
پہلے کی راتیں کالی تھیں اور اب کا دن کالا
ہر ایک آنکھ میں نفرت ہے کس سے چاہ ملے
سلگ رہی ہے دشائیں، کہاں پناہ ملے
سب اپنے اپنے مفادات کے محافظ ہیں
یہ حال ہے تو کہاں کوئی خیر خواہ ملے
طریق اپنا جدا ہے دوستو اہل طریقت سے
دکھاوے کی عبادت اور دعا ہم سے نہیں ہو گی
عبادت کے عوض آسائشِ فردوس حاصل ہو
کبھی اے سازؔ ایسی التجا ہم سے نہیں ہو گی
پھونک دے گا مرا بھائی مری ساری کائنات
مٹھیوں میں ایٹمی ذرات لے کر آئے گا
سازؔ ہے مجھ کو یقیں بیٹا مرا پردیس سے
خوب سارے سونے چاندی ساتھ لے کر آئے گا
ہمارے دوست بڑوں کی خوشامدوں میں رہے
کبھی کبھی تو غریبوں کی دعا لے لیتے
اب تو یہ سمجھنا بھی دوستو! ہوا مشکل
کون ہے مرا دشمن؟ کون ہے مرا بھائی؟
عزم و حوصلے کی شاعری

اس ناطے سے جب ہم سازؔ کی شاعری پر نظر ڈالتے ہیں تو ہم کو مایوسی نہیں ہوتی۔ عزم، حوصلہ اور ہمت کے موضوع پر بہت سے شعراء نے شعر کہے ہیں، مثال کے طور پر:
عزم کامل ہو تو کشتی لب ساحل ہو گی
حوصلہ چاہیے طوفان سے ٹکرانے کا
حزیمتوں کے راستے بڑے ہی پرخطر سہی
جو حوصلے بلند ہوں نشیب کیا فراز کیا
محترم جلیل سازؔ کے چند عزم و حوصلہ سے بھرپور شعر ہیں، ان کا بانکپن، انداز بیان اور اسلوب ہی اور ہے۔ آپ کے اشعار سے ایک طرح کی تحریک اور ولولہ محسوس ہوتا ہے۔ نا امیدی اور یاس کی حالت میں معمولی سا امید کا جگنو بھی انسان کو کامیاب و کامران کرنے کے لیے کافی ہے۔ حوصلہ بڑھانا، یہ معمولی چیز نہیں ہے، اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں مومنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اور ایک مقام پر کہا کہ اللہ کی رحمت سے کافر ہی مایوس ہوتے ہیں۔ گویا مایوسی کفر اور امید ایمان ہے۔ غالباً اسی کو مد نظر رکھ کر سازؔ صاحب نے اپنے احساسات کو اشعار کا لباس پہنایا:
بلندیوں پر پہنچنا نہیں محال اے سازؔ
جو حوصلہ ہو تو دل میں اٹھان کتنی ہے
مرے شعور کی تابندگی کو اپنا کر
جو ہو سکے تو نئے صبح و شام پیدا کر
سیاہ رات بہت ہے یہاں کدورت کی
دلوں میں پیار جگا کے چلو تو بات بنے
تجلیوں سے ہیں محروم تک کئی گوشے
وہاں بھی دیپ جلا کے چلو تو بات بنے
جہالت کے اندھیروں سے نکلنا بھی ضروری ہے
بدل ڈالے زمانے کو بدلنا بھی ضروری ہے
جدید الفاظ کا استعمال

جلیل سازؔ نے بہت سے ایسے الفاظ سے اپنی شاعری کو گوندھا ہے جنہیں شاید ہی کسی دوسرے شاعر نے استعمال کیا ہو، نہ صرف استعمال کیا بلکہ اپنے استعمال سے ان الفاظ میں جان ڈال دی ہے۔ قدرت نے جلیل سازؔ کو لفظ کے استعمال کا بڑا پیارا سلیقہ بخشا ہے۔ اسی سے کام لے کر انہوں نے لفظ ٹیکس، فوٹو، کیمرہ، خط کو ایک نئے انداز سے حسین اسلوب میں استعمال کیا ہے کہ یہ لفظ اور حسین بن گئے ہیں۔ مثال کے طور پر یہ اشعار دیکھیے :
ہو ٹیکس ادا کیسے بھلا فاقہ کشی میں
برسات کا موسم ہے مکاں چھین رہے ہیں
(ٹیکس)
امیروں کے شبستانوں کا فوٹو چھاپنے والو!
شکستہ جھونپڑوں کا حال بھی اخبار میں لکھنا
(فوٹو)
مری عادت ہے ہر خط میں تقاضہ وصل کا کرنا
تری فطرت سہی اس کا جواب انکار میں لکھنا
(خط)
سوز در سوز دے گئی دنیا
دکھ نیا روز دے گئی دنیا
میں تو ساکت تھا کیمرے کی طرح
مختلف پوز دے گئی دنیا
(کیمرہ)
نوحۂ مسلم

مسلمان جنہوں نے ہزاروں سالوں تک دنیا میں حکمرانی کی تھی، ساری دنیا کو امن وامان کا درس دیا تھا، آج بے حد ذلیل و خوار ہیں، اس کے اسباب کیا ہیں ؟ اس سے ہمیں بحث نہیں ہے، بلکہ یہ تو ایک فطری چیز تھی، ہر عروج را زوال!، علامہ اقبالؒ نے اس حوالے سے کتنی پیاری بات کہی تھی؛
آ تجھ کو بتاتا ہوں تقدیر امم کیا ہے
شمسیر و سناں اول طاوٗس و رباب آخر
ہر حساس انسان کا دل اس المیے پر کڑھتا ہے، اور مسلمانوں کو دوبارہ عروج حاصل ہو اس بات کی دعاء ہر دردمند دل رکھنے والا انسان کرتا ہے، جلیل سازؔ نے متفرق غزلوں میں اس حوالے سے لکھا ہے اور بے حد ڈوب کر دردو کرب کے ساتھ لکھا ہے، ایسی بات نہیں ہے کہ انہوں نے رسمی طور پر اس سلسلے میں لکھا ہو، وہ خود مسلمان ہیں اور اس درد کو بخوبی محسوس کر سکتے ہیں، جلیل سازؔ کے اشعار اور ان کے تیور (مسلمانوں کے زوال کے تعلق سے) دیکھیے اور ہماری تصدیق کیجیے، جلیل سازؔ کے یہ شعر درد کا بحر بے کراں ہیں، غم و الم کا بے کنار سمندر ہیں، لفظ بھرپور کو انہوں نے اپنے احساس سے تر کر دیا ہے، پھر لفظ لفظ نہیں رہا بلکہ مجسم احساس بن گیا ہے، اور قاری کے دل کو اپنی مٹھی میں لے کر بھینچے لگتا ہے، اس کے دل پر کچوکے لگاتا ہے، مسلمانوں کی زبوں حالی پر خون کے آنسو رلاتا ہے :
ایک یہ بھی زمانہ ہے ہم جڑ ہیں فسادوں کی
اک دور کہ دنیا میں تھے امن کے حامی ہم
شیرازۂ ملت کو بکھرا ہوا پاتا ہوں
اے سازؔ نہ ہو جائیں مرہون غلامی ہم
اپنی کوتاہ نصیبی ہے کہ محکوم ہیں ہم
ہم کو مالک نے بنایا تھا حکومت کے لیے
جذبات سے عاری ہم،احساس سے خالی ہم
وہ دور گیا جب تھے، دنیا میں مثالی ہم
کل جس کی کفالت میں تھے ہاتھ کھلے اپنے
اس شخص کی چوکھٹ پر ہیں آج سوالی ہم
تخریب پسندی کا دیتے ہو ہمیں طعنہ
نادانو! رہے صدیوں اس باغ کے مالی ہم
جلیل سازؔ کی ایک نظم ہے ’’ تم کیسے مسلمان ہو‘‘ یہ پوری نظم اسی کیفیت کی آئینہ دار ہے، اس میں مسلمانوں کی بزدلی کی طرف شاعر نے اشارہ کیا ہے تو ساتھ میں یہ بھی کہا ہے کہ اوصاف کریمانہ جو مسلمانوں کا طرۂ امتیاز ہیں، یہی اوصاف مسلمانوں کو وراثت میں ملنے چاہیے تھے، مال نہیں ! مگر افسوس کہ ان اوصاف حمیدہ کی قدر مسلمانوں کو نہیں ہے، اوصاف حمیدہ و رذیلہ میں امتیاز کرنے کی حس سے بھی وہ محروم کر دیے گئے ہیں۔ مسلمانوں کی خدمت خلق سے دوری، عزم و ہمت سے دوری، بے سمتی مقصدیت کا بحران، ایسی تمام چیزوں کی طرف اس نظم میں اشارے دیے گئے ہیں، مثال کے طور پر چند شعر:
تم عامل قرآں ہو، تم حافظ قرآں ہو
تم کیسے مسلماں ہو، کس بات پہ نازاں ہو
جیتے ہو تو جینے کے انداز نرالے ہیں
ڈرتے ہو حوادث سے طوفاں سے ہراساں ہو
اوصاف بزرگوں کے تم میں نہ رہے باقی
تم صرف بزرگوں کی عظمت کے ثنا خواں ہو
پردہ ہے بصارت پر تکیہ ہے قناعت پر
دعویٰ ہے کہ عاقل ہو سچ یہ ہے کہ ناداں ہو
اعزاز جہانگیری کیا دے گا خدا تم کو
تم لوگ تو غیروں کی محکومی پہ نازاں ہو
دل اور جگر دونوں اے سازؔ ہوں فولادی
اس قوم کی خدمت کا جس شخص کو ارماں ہو
استعاراتی شاعری

جلیل سازؔ نے استعارہ، تشبیہ اور تمثیل کو اپنی شاعری میں برتا ہے، ویسے بھی بلاغت کے ان فنون کا استعمال ایک اچھے شاعر کے لیے ایک طرح سے ناگزیر ہو جاتا ہے، اس کا مقصد آپ جانتے ہیں کہ قاری کے دل میں واضح انداز میں بات بیٹھ جائے، تأثر میں اضافہ ہو، بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ ایک بات وضاحت کے ساتھ کھلم کھلا کہنے سے وہ بات پیدا نہیں ہوتی جو کہ استعاراتی زبان میں کہنے سے پیدا ہوتی ہے، جلیل سازؔ کی شاعری پر نظر ڈالنے سے ایک پوری غزل ہی اس انداز کی ہمیں نظر آتی ہے، بظاہر یہ غزل عام سی غزل معلوم ہوتی ہے، لیکن ذرا سا غور و فکر کرنے اور تدبر سے کام لینے کی صورت میں معانی کی پرتیں یکے بعد دیگرے ہمارے سامنے کھلتی چلی جاتی ہیں، جن کے علم کے بعد ایک طرح کی خوشی، مسرت و فرحت حاصل ہوتی ہے۔ جلیل سازؔ کی اس غزل کا مزہ بھی چکھ لیا جائے :
مہکے زخم اپنے نسترن کی طرح
دل کا آنگن ہوا چمن کی طرح
ان کے نازک لبوں پہ آئی ہنسی
صبح کی اولیں کرن کی طرح
صبح چمکی برنگ روئے حسیں
رات سمٹی ترے بدن کی طرح
اک جوالا مکھی ہے ذہن تپاں
دل بھی گردش میں ہے گگن کی طرح
ہے خرد کا بھی تار تار لباس
اپنے بوسیدہ پیرہن کی طرح
سازؔ شکوہ ہے اہل فن سے مجھے
فن کو برتا گیا نہ فن کی طرح
سیاسی شاعری

موجودہ دور کی سیاست گندگی کا پوٹ ہے، پچھلے دور میں یہی سیاست تھی جس سے بڑے سے بڑے علماء اور لیڈر وابستہ تھے، جنہوں نے عوام اور غریبوں کی خوب خدمت کی، اور سیاست کو عبادت سمجھتے رہے، مگر آج کے سیاست داں سیاست کو بھی کاروبار سمجھتے ہیں۔ غریبوں کی خدمت کے نام پر ووٹ بٹورتے ہیں، مگر غریبوں کی خدمت کے علاوہ سب کچھ کرتے ہیں، ہمارے لیڈروں کے اسی رویے پر سازؔ اس طرح طنز کرتے ہیں :
جو اقتدار ملا ہے تو سازؔ گھر بھر لو
یہ تم سے کس نے کہا خدمت عوام کرو
اب سیاست بھی جفا کاروں کا شیوہ ٹھہری
کون اٹھتا ہے غریبوں کی حمایت کے لیے
اسی طرح سازؔ کی ایک نظم ہے ’’تین کردار‘‘ جس میں اہل زر، ماسٹر، منتری کے تین عناوین کے تحت تین تین شعر پیش کیے ہیں، منتری کے عنوان سے جو شعر ہیں وہ یقیناً توجہ کے لائق ہیں، جن میں پچھلے دور کے منتریوں اور آج کے منتریوں کے درمیان بڑا اچھا اور حقیقت سے قریب موازنہ پیش کیا گیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس سے اچھا موازنہ کسی شاعر نے نہیں کیا ہو گا:
ہمارے دور میں جو منتری تھے
وہ بے شک لائق صد سروری تھے
تمہارے دور میں جو منتری ہیں
لٹیرے ہیں کہاں کے سنتری ہیں
کہ ان کی آہنی الماریوں میں
ہے جتنا سونا چاندی اور نوٹیں
گھوٹالوں اور حوالوں سے بھری ہیں
اس طرح کے اور بھی متعدد موضوعات کو جلیل سازؔ نے بے حد اچھے انداز میں بہترین اسلوب میں اور مناسب الفاظ میں پیش کیا ہے، موضوعات کی ایک کہکشاں ہے جو ان کی شاعری کا مطالعہ کرنے والے کو سرور و فرحت بخشتی ہے۔ آگہی کے نئے در وا کرتی ہے۔
مشاہیر کی نظر میں

ہارون بی۔ اے (مدیر بے باک،مالیگاؤں ) نے لکھا ہے کہ:
’’جلیل سازؔ ہمارے دور کے شاعر ہیں، ان کی شاعری کی جتنی عمر ہے تب سے میں انہیں جانتا ہوں، وہ ایک حساس اور خوش فکر شاعر ہی نہیں بلکہ اچھا سماجی، تعلیمی، سیاسی اور فکری شعور بھی رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی علمی، ادبی اور عوامی مقبولیت سے کسی کافر کو بھی انکار کرنے کی جرأت نہیں ہو سکتی، ان کی زندگی اور ان کی شاعری کا ہر ورق آج کے دانشوروں اور نقادوں کے سامنے دعوت فکر دیتا نظر آتا ہے۔ زندگی کے سرد و گرم، آرائشوں اور جدوجہد کے درمیان تپا ہوا یہ شاعر اپنی قلبی واردات کو برملا اشعار میں ڈھال کر زندگی کے خوشگوار مستقبل کی بشارت دیتا ہوا بھی نظر آتا ہے۔ ‘‘
عبد الاحد سازؔ کہتے ہیں کہ:
’’جلیل سازؔ کے تخلیقی سفر کے مراحل سے ہماری ادبی برادری ایک عرصۂ دراز سے واقف ہے۔۔۔ گوناگوں شخصی مشاہدوں، اطراف و اکناف کے منتشر تجربوں اور حالات حاضرہ کے بکھراؤ کو بخشی ہوئی فہم کے آپسی تال میل سے ان کا شعری مواد برآمد ہوتا ہے۔۔۔ جلیل سازؔ کی غزلوں میں بے ساختگی اور ہوشمندی کا ایک امتزاج پایا جاتا ہے۔ ‘‘
٭٭٭

ساحر شیوی کی دوہا نگاری (قرآن کے تناظر میں )

دوہے کا مخصوص مزاج، مخصوص آہنگ اور مخصوص انداز ہے۔ دوہا آسانی سے شاعر کی گرفت میں آ نہیں پاتا تا آنکہ شاعر دوہے کے مزاج سے کامل طور پر شناسا نہ ہو جائے، دوہا کہنا سمندر کو کوزے میں سمونے کے مترادف ہے۔ اردو میں بہت سے دوہا نگاروں نے اپنی مخصوص شناخت بنائی ہے، جن میں جمیل الدین عالی، بھگوان داس اعجاز اور ڈاکٹر فراز حامدی نے مخصوص پہچان بنائی ہے، ڈاکٹر فراز حامدی نے دوہے کی بڑی اچھی تعریف کی ہے اتنی اچھی کہ دوہے کی اس سے بہتر تعریف شاید ناممکن ہے۔
تیرہ گیارہ ماترہ، بیچ بیچ وشرام
دو مصرعوں کی شاعری، دوہا جس کا نام
ہند و پاک کے ممتاز دوہا نگاروں میں ساحرؔ شیوی کا شمار ہوتا ہے، انہیں منفرد دوہا نگار کی حیثیت حاصل ہو چکی ہے، ان کے دوہوں سے ان کا مخصوص مزاج اور آہنگ جھلکتا ہے۔ وہ جس میدان کی طرف بھی گئے، کامیابی و کامرانی نے ان کے قدم چومے۔ انہوں نے ماہیے لکھے، سین ریوز لکھے، ہائیکو لکھے، افسانے لکھے، دوہے لکھے، تعجب کی بات یہ ہے کہ ہر صنف کو انہوں نے کامیابی کے ساتھ برتا، انہوں نے ہر صنف کی اصل روح سمجھی، اور جو بھی لکھا پوری محنت، لگن اور کوشش سے لکھا۔
ساحرؔ شیوی نے حمدیہ دوہے بڑے اچھے لکھے ہیں۔ آسمان و زمین کی ساری مخلوق، ساری کائنات، سارے جمادات، نباتات، حیوانات اللہ کی کبریائی، اس کی عظمت، اس کی بڑائی بیان کرتی ہیں۔ فرشتے انسان کی پیدائش سے قبل ہی اس کی حمد وثنا بیان کرتے رہے ہیں۔ تسبح لہ السمٰوات السبع والارض ومن فیہن وان من شیٔ الا یسبح بحمدہ (اللہ تعالیٰ کی تسبیح بیان کرتے ہیں ساتوں آسمان اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہیں، اور ہر چیز اس کی تسبیح بیان کر رہی ہے۔ ) اردو زبان کے بیشتر شعراء نے حمد و مناجات پر مشتمل کلام عبادت سمجھ کر کہا ہے، حمد میں با خدا دیوانہ باشد والا معاملہ ہوتا ہے، حمد میں جتنا زیادہ مبالغہ ہو گا اتنا ہی اسے مستحسن سمجھا جائے گا۔ ساحرؔ شیوی کے حمد و مناجات پر مشتمل کلام کی اپنی الگ انفرادیت اور خصوصیت ہے، انہوں نے بڑے انوکھے انداز میں اپنے آقا و مولیٰ کی بڑائی بیان کی ہے :
کوئی کہے رحمن تجھے، کوئی کہے بھگوان
پوجا تیری جو کرے، ہے وہ ہی انسان
تیری ذات قدیم ہے تیری ذات عظیم
بیشک تو رحمن ہے تجھ سا نہیں رحیم
یا رب تو رکھنا مری قسمت کو بیدار
مجھ عاصی کو بخش دے عزت کی دستار
یا رب ہم پر ہے ترا کتنا بڑا احسان
تو نے بنایا ہے ہمیں اک مومن انسان
اس نے بن مانگے دیا مجھ کو سکھ بھنڈار
ساحرؔ اس کا شکریہ جس کا کل سنسار
بیشک ایسے لوگ ہیں جنت کے مہمان
جو اللہ کی راہ میں ہوتے ہیں قربان
یا رب ہم پر رحم کر بچ جائے ایمان
انسانوں کے بھیس میں پھرتے ہیں شیطان
حمد کے بعد نعت کا نمبر آتا ہے، نعتیہ کلام کہنا ویسے مشکل کام ہے، مگر نعتیہ دوہے کہنا اس سے مشکل عمل ہے۔ اس میں با محمد ہوشیار والا معاملہ ہوتا ہے۔ صحابۂ کرام میں بیشتر شعراء نے نعت کہی ہے۔ جیسے حسان بن ثابتؓ نے کہا ہے :
خلقت مبرأ من کل عیب
کأنک قد خلقت کما تشاءٗ
شیخ سعدیؒ کی یہ رباعی آج بھی نعت کی بہترین مثال کہی جا سکتی ہے :
بلغ العلیٰ بکمالہ،
کشف الدجیٰ بجمالہٖ
حسنت جمیع خصالہٖ
صلوا علیہ وآلہٖ
آپ علیہ السلام کی شان میں خالق کونین بھی رطب اللسان ہے : وانک لعلیٰ خلق عظیم (بیشک آپ اخلاق کے بلند مرتبے پر فائز ہیں ) نعت کہنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے، ساحرؔ شیوی نے بڑی کامیابی کے ساتھ نعت کہی ہے، موصوف کے اکثر نعتیہ دوہوں میں نبیٔ کریم ﷺ کی اطاعت کا پیغام ملتا ہے۔ من یطع الرسول فقد اطاع اللّٰہ (جس نے رسولؐ کی اطاعت کی اس نے اللہ کی اطاعت کی) وما اٰتاکم الرسول فخذوہ وما نھاکم عنہ فانتھوا (رسولؐ تمہیں جو چیز دیں اسے لے لو، اور جس سے منع کریں اس سے رک جاؤ) ومن یطع اللّٰہ والرسول فأولٰئک مع الذین أنعم اللّٰہ علیھم من النبیین والصدیقین والشھداء والصالحین (اور جو اللہ اور رسولؐ کی اطاعت کریں گے وہ لوگ ان کے ساتھ ہونگے جن پر اللہ نے انعام کیا ہے، یعنی انبیاء، اصدقاء، شہداء ور صالحین) ساحرؔ شیوی کے وہ دوہے ملاحظہ کریں جن میں اطاعت رسولؐ کے اشارے ملتے ہیں :
آپ ہی رہبر ہیں مرے، جس رستے بھی جاؤں
آپ کی مرضی کے بنا کیسے قدم بڑھاؤں
میں ہوں تابع آپ کا آپ مری پہچان
اے محبوب کبریاء! آپ پہ میں قربان
اس سے کوسوں دور ہے ہر دکھ ہر آزار
ساحرؔ طاعت میں تری رہتا ہے سرشار
قابل طاعت ہیں فقط آپ ہی کے احکام
قرآں دیتا ہے ہمیں صرف یہی پیغام
وانک لتھدی الی صراط مستقیم (بیشک آپ صراط مستقیم کی رہنمائی کرتے ہیں ) یعنی ہدایتِ ارشاد نبیؐ کے ہاتھ میں ہے :
آپ ہی رہبر ہیں مرے، جس رستے بھی جاؤں
آپ کی مرضی کے بنا کیسے قدم اٹھاؤں
عرب قبل اسلام جہالت کی تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا، رسول رحمت ﷺ کے ورود کے بعد سارے اندھیارے دور ہو گئے، بد بخت نیک بخت بن گئے، بھٹکے ہوئے راہ پا گئے، جہنمی جنتی ہو گئے، وما أرسلنٰک الا رحمۃ للعالمین (ہم نے تو آپ کو تمام جہانوں کے حق میں رحمت بنا کر بھیجا ہے ) اس موضوع پر ساحرؔ صاحب کے خیالات دیکھیں :
باطل کے خیمے سبھی ہونے لگے اجاڑ
جب رحمت کی آ گئی چھل چھل کرتی باڑ
رحمت بن کے آئے جب نبیوں کے سردار
آپؐ کے دم سے بن گیا صحرا بھی گلزار
عالم جن سے آشنا رحمت جن کی عام
کیسے بھولے آدمی ان کا پیارا نام
حمدیہ اور نعتیہ دوہوں کے بعد عام دوہوں کی طرف آتے ہیں، جن میں انہوں نے مختلف معاشرتی کروب کو ظاہر کیا ہے۔ زندگی میں خوشی و غم، مصیبت و راحت، سکھ دکھ آتے رہتے ہیں۔ روزمرہ زندگی میں عام انسان کو ان سے پالا پڑتا ہے۔ زندگی میں جہاں مشکلیں ہیں وہاں آسانیاں بھی ہیں۔ اور جہاں آسانیاں ہیں وہاں مشکلات بھی ہیں۔ ان مع العسر یسراً فان مع العسر یسراً ؂
عیش ہو یا کہ رنج، نفرت ہو یا پیار
جیون کے اسٹیج پر سب کچھ ہے بے کار
ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے، ان اللّٰہ مع الصابرین (بیشک اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے ) واصبر فان اللّٰہ لا یضیع اجر المحسنین (اور صبر کیجیے ! بیشک اللہ نیکوکاروں کا اجر ضائع نہیں کرتا)
ساحرؔ صبر و ضبط کو کر کے اپنی ڈھال
آلودہ ماحول میں زندہ ہوں تا حال
اہل زر کی تنگ دلی، تنگ نظری، خود غرضی کی طرف کس لطیف انداز میں اشارہ کیا ہے۔ ؂
اس سے یہ امید کیوں مل جائے گا پیار
بے مطلب مزدور سے کب ملتا ہے زر دار
ساحرؔ شیوی صاحب کی ایک حمدیہ دوہا غزل پیش کر رہا ہوں۔ ؂
گر ہے گل میں تازگی یا رب تیری شان
مہر و ماہ میں روشنی یا رب تیری شان
بخشی کلیوں کو ہنسی یا رب تیری شان
دی بو کو آوارگی یا رب تیری شان
ہم کو بخشی زندگی یا رب تیری شان
دل بھی تیرا جان بھی یا رب تیری شان
بخشی ایسی دلکشی یا رب تیری شان
دھرتی جنت بن گئی یا رب تیری شان
بخشی سب پر برتری یا رب تیری شان
یہ عظمت انسان کی یا رب تیری شان
جب بھی چاہی ڈھونڈ لی یا رب تیری شان
ذرے ذرے سے ملی یا رب تیری شان
ایسی سنگلاخ اور مشکل زمین میں ایسے کامیاب اور سلاست بھرے دوہے ساحرؔ شیوی جیسا قادر الکلام شاعر ہی کہہ سکتا ہے۔ بلا شبہ ساحرؔ شیوی دور حاضر کے ممتاز شاعر ہیں۔ انہوں نے جن اصناف کو بھی چھوا، انہیں انفرادیت اور اعتبار بخشا ہے۔ مستقبل میں ادبی تاریخ لکھنے والا مورخ ساحرؔ صاحب کے کلام، ان کے فن اور کام کو ہرگز ہرگز فراموش نہیں کر سکتا۔
یا رب تجھ سے ہے دعا عزت عظمت پائے
اپنے دوہوں کے سبب ساحرؔ شہرت پائے
٭٭٭

کچھ اپنے بارے میں

ناچیز کا اصلی نام سید ظہیر ہے، ظہیر الدین کے قلمی نام سے ادبی دنیا میں مجھے جانا جاتا ہے۔ مطالعے کا ذوق و شوق بچپن سے تھا۔ اردو زبان سے محبت گھٹی میں پڑی ہوئی تھی، مجھے یاد آ رہا ہے کہ جب میں سات سال کا تھا تو انجمن اشاعت اسلام کی اردو کی تیسری پڑھ رہا تھا۔ استاذ ایک صفحہ سبق دیتے تو میں تین صفحات سنا آتا۔ رفتہ رفتہ یہی میری عادت بن گئی۔ استاذ بھی میرے اس شوق سے بہت خوش تھے، مجھ پر خصوصی توجہ دینے لگے۔
جب شعور کچھ اور جوان ہوا تو میں نے اپنے گھر میں کتابوں کو تلاش کیا، چند کتابیں میرے ہاتھ لگیں، جو غالباً یہ تھیں، آداب زندگی، آمنہ کا لال، قصص الانبیاء، پہلی فرصت میں ان تینوں کتابوں کو چاٹ ڈالا۔ کچھ سمجھ میں آیا کچھ نہیں، یہ میری کتابوں سے پہلی دوستی تھی۔ پہلا شعوری معانقہ تھا۔ اس کے بعد جب بھی میں نے کتاب کی طرف نظر دوڑائی اس نے مجھے مایوس نہ کیا۔
اس کے بعد شعور نے کروٹ لی، کچھ اور بیدار ہوا، میں دارالعلوم حیدر آباد میں حفظ کا طالب علم تھا۔ مجھے غالباً ماہانہ ۵۰ روپیے ملا کرتے تھے، جن کا بہترین مصرف میری نظر میں یہ تھا کہ ان سے کتابیں خرید لی جائیں۔ میں چار مینار جاتا، جو جو کہانی کی کتاب پسند آتی خرید لاتا۔ میں نے قصۂ حاتم طائی، الف لیلہ اسی دور میں پڑھی۔ مکتبۂ جامعہ سے اپنی پسند کی کتابیں بھی کبھی کبھار منگوا لیا کرتا تھا۔ ڈوب کر مطالعہ کرتا تھا۔ ہمارے ساتھیوں کو میرے مطالعے کے ذوق پر حیرت تھی۔ کیونکہ عموماً حفظ کے طلباء اردو صحیح سے دیکھ کر پڑھنا نہیں جانتے تھے۔ حفظ کے طلباء کو اردو سکھانے کے لیے ایک گھنٹہ مختص تھاعبد الوھاب صاحب ہمیں اردو پڑھاتے تھے۔ وہ نہایت مشکل الفاظ املا کراتے، میں بغیر کسی دقت کے صحیح املا کر دیتا۔ جسے دیکھ کر وہ بہت خوش ہوتے۔ جب امتحان کا وقت آیا تو اردو کا امتحان غالباً مولوی زکریا صاحب نے لیا تھا۔ انہوں نے میری اچھی کارکردگی پر خوش ہو کر غالباً ایک روپیہ انعام کے طور پر دیا تھا، مجھے اس انعام کے حصول پر اتنی خوشی ہوئی کہ مت پوچھیں !
رات میں سونے کے قریب اپنے دوستوں کو کہانیاں سنایا کرتا تھا، جنہیں وہ بغور سنا کرتے تھے۔ پیام تعلیم بڑی دلچسپی سے پڑھا کرتا تھا۔ اس کے اشعار، لطائف بطور خاص پڑھ کر اپنے ساتھیوں کو سنایا کرتا تھا۔
میرے حفظ کے استاذ مولانا صلاح الدین صاحب تھے، جو بلاک بیلٹ تھے۔ ہمیں کراٹے سکھاتے تھے۔ میں نے اپنی زندگی میں ان سے زیادہ مشفق، مہربان،نرم دل، مخلص استاذ کہیں نہیں دیکھا۔ فجر کے فوری بعد میں سبق سنا دیا کرتا تھا، بعد میں آرام سے پارۂ سبق اور آموختہ سناتا۔ خاص دوستوں میں سے سیف اللہ خالد عمری، حافظ عظیم الحق، محمد اعظم اعظمی قاسمی، محمد طلحہ شامل تھے۔ سوائے اعظم کے سبھی ایک ہی جماعت کے طلبہ تھے۔ ایک ہی استاذ سے پڑھتے تھے۔ ہم سب نے ایک ساتھ قرآن ختم کیا، تقریباً ۲۰ دورے بھی کیے۔ مسابقۂ حفظ قرآن پر گویا ہ،اری حکومت تھی، پہلا، دوسرا، تیسرا انعام ہماری جماعت کو ملنا یقینی تھا۔ دارالعلوم حیدرآباد کی لائبریری المکتبۃ الخالدیۃ سے میں نے از حد استفادہ کیا۔ تاریخ الخلفاء ہو یا تاریخ دارالعلوم، تحریک ریشمی رومال ہو یا تاریخ حرمین، مولانا قاسم نانوتوی، حیات اور ادبی خدمات ہو یا سوانح قاسمی، یہ تمام کتابیں میں نے یہیں پڑھیں، خطبات کی کتابوں میں خطبات دین پوری بڑے شوق سے پڑھتا تھا۔ اگر چہ تقریر و خطابت سے مجھے دور دور کا بھی واسطہ نہیں تھا۔
ارتکاز مطالعہ مجھے یہاں میسر نہیں تھا۔ ایک موضوع پر مختلف مصنفین کی لکھی ہوئی کتابیں پڑھنا اور اپنی معلومات کو وسعت دینا میرے لیے یہاں ممکن نہ تھا۔ کیونکہ یہ کتب خانہ بکھرا ہوا کتب خانہ تھا۔ میرے مطالعے کی تسکین کے لیے معتد بہ کتابیں یہاں موجود نہیں تھیں۔ ضرورت یہ سمجھی گئی کہ کسی دوسرے کتب خانے سے استفادہ کیا جائے۔ افضل گنج کا کتب خانۂ آصفیہ اپنی بیش بہا کتابوں، نادر مخطوطات کے لیے شہرت رکھتا تھا۔ ایک جمعرات کی شام بڑی جماعت کے ایک ساتھی محمد حامد کے ساتھ اس لائبریری کا رخ کیا۔ عقل حیران تھی کہ خدایا ! یہ میں کس جہاں میں آ گیا۔ کہ یہاں قدم قدم پہ علم و ادب کے موتی بکھرے پڑے تھے۔ اندھا کیا چاہے دو آنکھیں ! بھلا میرے لیے اچھی کتابوں سے بہتر کیا چیز ہو سکتی تھی! میں نے کتب خانۂ آصفیہ کو لازم پکڑ لیا۔ خوب کتابیں پڑھیں، ناول پڑھے، افسانوی مجموعے، سیرت پر کتابیں، شاعری کے مجموعے، تاریخی کتابیں دل لگا کر مزا لے لے کر پڑھیں۔ میرا معمول تھا کہ جمعہ کے دن صبح سات بجے غسل سے فارغ ہو جاتا، پھر سیدھے کتب خانۂ آصفیہ چلا جاتا، بس کے ذریعہ جانے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگ جاتا، ٹھیک آٹھ بجے میں لائبریری میں داخل ہو چکا ہوتا، اپنی پسند کی کتاب لی اور لگے مطالعہ کرنے ! اس کے بعد ہوش اس وقت آتا جب جمعہ کی اذان ہوتی، جمعہ کی نماز کے لیے جانے کو جی نہ چاہتا، مگر زبردستی کر کے قریبی مسجد ’’مسجدِ چمن‘‘ میں جمعہ پڑھنے چلا جاتا، نماز کے بعد واپس آ کر اپنے پسندیدہ شغل مطالعے میں غرق ہو جاتا، غالباً شام پانچ بجے یہاں سے واپس ہوتا، میں نے اپنے دوست کے نام سے لائبریری کا ممبر کارڈ بھی بنا رکھا تھا، جس کے توسط سے ایک آدھ کتاب کبھی کبھی مدرسے لے آتا۔ ایک آدھ دن میں وہ کتاب ختم ہو جاتی۔
آپ یہ نہ سمجھیں کہ یہ کسی بڑی جماعت کے طالب علم کے شوق ہیں، نہیں ! بالکل نہیں !یہ ضرب یضرب، نصر ینصر کی گردان کرنے والے جماعت اول کے طالب علم کے شوق ہیں، غالباً اسی سال بیت بازی کا مقابلہ منعقد ہوا، جس میں ایک پوائنٹ سے ہماری ٹیم ہار گئی، جماعت سوم میں پھر بیت بازی کا مقابلہ ہوا، مجھے ایک ٹیم کا لیڈر مقرر کیا گیا، پچھلی ہار مجھے نہیں بھولی تھی، میں نے جم کر تیاری کی، اپنے ساتھیوں کو بھی خوب تیار کیا، حتیٰ کہ مقابلے کا دن آ گیا، الحمد للہ میں نے مخالف ٹیم کو شکست فاش دے دی، بیت بازی کے اس مقابلے میں ہماری ٹیم کو فاتح شمار کیا گیا، اچھے انعامات سے نوازا گیا، جو کتابیں مجھے اس وقت انعام میں دی گئیں تھیں وہ آج بھی میرے پاس محفوظ ہیں۔
اس دوران مجھے جامعہ دارالسلام جانے کا اتفاق ہوا، (جہاں میرے دوست کے۔ خالد سیف اللہ عمری کرنولی پڑھ رہے تھے ) میں نے جب جامعہ کا ماحول دیکھا، وہاں کی عمارتیں دیکھیں تو بے اختیار میرا دل مچلنے لگا کہ اگر پڑھنا ہے تو اسی مدرسے میں پڑھنا ہے ورنہ نہیں ، سالانہ امتحانات ختم ہوئے، میں نے اپنے والد صاحب کے ہمراہ جامعہ کا رخ کیا۔ جامعہ سے اگرچہ کہ نا منظوری آئی تھی مگر ہم مایوس نہیں ہوئے۔ بالآخر بڑی مشکلوں سے جماعت چہارم میں میرا داخلہ ہو گیا۔ وہاں کی لائبریری پہلی فرصت میں دیکھ ڈالی، کتابوں کا انبار دیکھ کر آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں، جماعت چہارم سے میرے مطالعے کا جو سفر شروع ہوا وہ آٹھویں جماعت پہ ختم ہوا۔
کتاب ہی کے حوالے سے ادباء شعراء سے رابطہ رہنے لگا، مختلف اخبارات ورسائل میں میرے تبصرے !تعارفی مضامین شائع ہونے لگے۔ اس کے بعد مجھ پر لکھنے کا جنون سا طاری ہو گیا۔ میں مسلسل لکھتا رہا، شائع ہوتا، ادباء شعراء اپنی کتابیں تبصرے !مضمون کی فرمائش کے ساتھ بھیجنے لگے، اس طرح شعراء و ادباء سے میرے رابطے استوار ہوئے۔
ادبی دنیا میں میرا داخلہ ہوا، کچھ نظمیں پرواز ادب میں شائع ہوئیں، راشٹریہ سہارا میں افسانے شائع ہوئے۔ مگر صحیح بات یہ ہے کہ میں تنقید کا آدمی ہوں، مجھے تنقید لکھنا سب سے اچھا لگتا ہے، فاروقی کا مداح ہوں، ان کی تنقیدی تحریر جہاں ملتی ہے سرمۂ نگاہ بنا لیتا ہوں۔ تنقید کی بات نکل ہی گئی ہے یہ بات بتاتا چلوں کہ پاکستان کے ایک بزرگ مزاح نگار انوار احمد علوی کی کتاب ۱۹۹۹ء میں ’’جملہ حقوق غیر محفوظ‘‘ کے نام سے شائع ہوئی تھی، جس پر میں نے کچھ سخن گسترانہ قسم کا تبصرہ لکھ بھیجا، جو سفیر اردو لندن میں شائع ہوا، ان بزرگ نے اس کا بالکل برا نہیں مانا بلکہ اپنی اس کتاب کے دوسرے ایڈیشن میں اسے شائع کر کے معتبر کر دیا۔
کتاب کے بارے میں ہر شخص کی کوئی نہ کوئی رائے ہوتی ہے۔ اچھی یا بری، میری کتاب کے بارے میں اپنی رائے سے ضرور آگاہ کیجیے گا، میں اس پتے پر آپ کا منتظر رہوں گا۔
دعاگو
ظہیر دانشؔ عمری
25-08-09

Zaheer Danish Oomeri
8/209-5
Al- mas Pet
Bismilla Nagar
Kadapa-516001(A.P)
INDIA
Cell: 0091-9701065617
E-mail: [email protected]
[email protected]

٭٭٭
مصنف کی اجازت اور تشکر کے ساتھ جنہوں نے کتاب کی فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

تا بفلک