آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (20,429 الفاظ)

تحفہ رِفاعیہ

-: تالیف لطیف :- شیخ سید نور الدین سیف اللہ -رحمہ اللہ و رضی عنہ-

-:تسہیل و تحقیق :- محمد اَفروز قادری چریاکوٹی

تحفہ رفاعیہ (تاریخی نام: نور التحقیقات ۱۳۰۶ھ)
موضوع : اِصلاحِ فکرو اِعتقاد
تالیف : شیخ سید نور الدین سیف اللہ -رحمہ اللہ ورضی عنہ-
ابن صاحب سجادہ احمدیہ شیخ سید ابو النصر محمد امین اللہ
معروف بہ سیدحسام الدین الحسینی الموسوی الرفاعی
تسہیل وتحقیق : ابو رِفقہ محمد افروز قادری چریاکوٹی-عفی عنہ-
پروفیسر: دلاص یونیورسٹی، کیپ ٹاؤن، ساؤتھ افریقہ
نظرثانی : علامہ مولانا سید محمد رضوان رفاعی ثقافی-حفظہٗ اللہ -
حروف چیں : فہمی چریاکوٹی

فہرست

پس منظر

معمولاتِ اہلسنّت و جماعت پرمشتمل اپنی نوعیت کی جداگانہ تصنیف ’’انوارِ ساطعہ کی تسہیل و تجدید اور تخریج وتحقیق کے بعد یہ مزاج بن گیا کہ اس رنگ و آہنگ کی جو بھی کتاب ہاتھ لگے اس کی تحقیق وتسہیل کرنامیرا اَولین فریضہ ہو گا، چنانچہ ایک دن اِنٹرنیٹ پر بیٹھا اَہل سنت وجماعت کی کچھ کتابوں کی تلاش میں سرگراں تھا کہ اَچانک یہ کتاب نظر اَفروز ہوئی، پہلی فرصت میں اسے ڈاؤن لوڈ کیا اور پھر اس کی تسہیل وتحقیق میں جٹ گیا۔ سلسلہ عالیہ رفاعیہ کے کچھ اُمور سے متعلق میرے ذہن وفکر میں خود دو ایک سوال مدتوں سے اُبھرتے رہے تھے مگر اللہ تعالیٰ اپنی رحمتوں کے مینہ برسائے صاحب رسالہ کی قبر پر جنھوں نے اتنی جامع اور بصیرت افروز کتاب لکھ کر مجھ سمیت ہزاروں اَفراد کے ذہنوں سے شکوک وشبہات کی گردصاف کر دی ہے۔
نہیں معلوم کہ یہ کتاب مارکیٹس میں دستیاب ہے یا نہیں، میں تو اس وقت صحرائے افریقہ میں بیٹھا یہ سطریں لوحِ قرطاس پر ثبت کر رہاہوں، تاہم اس کتاب کی اَہمیت واِفا دیت کے پیش نظر اس کی اشاعت وتشہیر وقت کی اَہم ضرورت ہے، کیوں کہ سلسلہ رفاعیہ کے کچھ معمولات خصوصاً راتب وغیرہ -جس میں گرزوشمشیر وغیرہ سے ضرب کی جاتی ہے- مدتوں سے اہل علم کے درمیان تشنہ تحقیق اور وجہِ اختلاف رہے ہیں۔ فاضل مصنف نے جس خوش اُسلوبی اور سادہ بیانی سے بارہ سوالوں کے جوابات کتاب و سنت کی روشنی میں فراہم کیے ہیں اس سے اُن کے مبلغ علم اور طبع وقاد کا پتاچلتا ہے۔ اللہ کرے یہ کتاب اِصلاحِ فکرواِعتقادکا باعث ہو، اور سرکار کے نعلین پاک کے طفیل ہمیں دین و دنیا میں سروخروئی نصیب ہو۔ آمین۔ -اللہ بس باقی ہوس-
ابورفقہ محمد افروز قادری چریاکوٹی
۸/ربیع الاوّل ۱۴۳۱؁ھ-مطابق-۲۲/فروری ۲۰۱۰؁ء

کلماتِ تبریک

مصلح ملت مبلغ اِسلام علامہ محمد عبد المبین نعمانی قادری-دامت برکاتہم العالیہ-

بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی و نسلم علی رسولہٖ الکریم و اٰلہ وصحبہ اجمعین أما بعد!
سید الاولیاء ابوالعباس سید احمد کبیر رفاعی رضی اللہ تعالیٰ عنہ چھٹویں صدی ہجری کے ان اکابر اولیا میں سے ہیں جن کا چرچا مشرق تا مغرب ہے عرب ممالک میں ان کی شہرت کچھ زیادہ ہی ہے۔
ہند و پاک میں بھی آپ کا سلسلہ بیعت پھیلا ہوا ہے اور آپ کی کرامات کے شہرے ہیں، عربی فارسی کے ساتھ اردو میں بھی کئی کتابیں اور تراجم آپ کے تعلق سے منظر عام پر آ چکے ہیں، اس کی ایک کڑی ’تحفۂ رفاعیہ بھی ہے جو اسی سلسلے کے ایک بزرگ حضرت شیخ سید نورالدین سیف اللہ رفاعی علیہ الرحمۃ و الرضوان کی تالیف ہے۔
اس کا تاریخی نام’’ نور التحقیقات (۱۳۰۶ھ) ہے۔ کتاب سواسو سال پرانی ہے، اُسلوب و انداز بھی قدیم تھا، لیکن عزیزی مولانا محمد افروز قادری چریا کوٹی -زید مجدہ و علمہ- نے اس کو جدید ترتیب و تہذیب کا جامہ پہنادیا ہے، جس سے یہ کتاب عام فہم ہو گئی ہے اور اس سے استفادہ بھی آسان ہو گیا ہے۔
اس میں معمولات مشائخ، معمولات اہل سنت اور بعض معمولات سلسلہ رفاعیہ کے دلائل ہیں، نیز معترضین کے جوابات بھی، جو انصاف پسند حضرات کے لیے ضرور قابل قبول ہو گے۔ البتہ معاندین و دشمنانِ بزرگان دین کو سمجھانا آسان کام نہیں کہ ان کے دلوں کے دروازے بند ہوتے ہیں اور آنکھوں پر تعصب کا پردہ پڑا ہوتا ہے۔
کتاب میں ایک مسئلہ دف کا بھی ہے، اور یہ سلسلہ رفاعیہ کے خاص معمولات سے ہے، چونکہ امام کبیر سید احمد رفاعی علیہ الرحمۃ و الرضوان شافعی تھے اور غالباً شوافع کے نزدیک دف مطلق جائز ہے جیسا کہ کتاب میں مذکور دلائل سے پتہ چلتا ہے، البتہ اَحناف میں بعض فقہانے اگرچہ مطلق جواز کا قول کیا ہے، لیکن فتویٰ بشرائط جواز پر ہے مطلق نہیں۔
اس کی تفصیل مجدد اِسلام امام احمد رضا قادری بریلوی قدس سرہ کے رسالہ ’ہادی الناس فی رسوم الاعراس (۱۴۲۳ھ) معروف بہ ’رسوم شادی میں موجود ہے، لہٰذا اَحناف احتراز کریں تو ان کو اس کا حق ہے، اور شوافع اختیار کریں تو ان پر اعتراض کی بھی گنجائش نہیں !۔
فاضلِ جلیل مولاناسید رضوان رفاعی ثقافی -حفظہ ربہ- اور ان کے رفقا شکریہ و تحسین کے مستحق ہیں، جن کی کوششوں سے یہ نایاب ذخیرۂ علمی منظر عام پر آیا ہے۔ امید کہ اسی طرح سلسلہ رفاعیہ کے اور بھی ذخائر علمیہ منصّۂ شہود پر آتے رہیں گے، اور اہل علم و تصوف کے لیے ان سے استفادے کی راہیں ہموار ہوتی رہیں گی۔
صاحب سلسلہ رفاعیہ کے تعلق سے بعض نافہم اور نا عاقبت اندیش حضرات کی یہ روش اچھی نہیں معلوم ہوتی کہ بزرگوں کے فرق مراتب کے سلسلے میں خواہ مخواہ اِصرار کرتے ہیں۔ اللہ کی بارگاہ میں کس بزرگ کا کیا مقام ہے؟ اور کون کس سے افضل ہے؟؟ یہ معاملہ ایسانہیں کہ بہ آسانی دلائل یقینیہ سے حل کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں زبانِ خلق اور معاصر معتمدین کے اقوال سے بطورِظن غالب کچھ کہا جا سکتا ہے، لیکن اس طرح کی باتیں یقینیات سے تعلق نہیں رکھتیں، اس لیے ان کو کسی طرح نزاعی مسئلہ بنانا درست نہیں۔
ہاں ہر آدمی کو اس کا عقیدہ رکھنا درست ہے کہ ہمارا شیخ پورے عہدمیں ہمارے لیے سب سے ممتاز اور افضل ہے، لیکن یہ عقیدت اس کی اپنی ذات تک ہی محدود رہنی چاہیے، اس کو عموم کا درجہ نہیں دیا جانا چاہیے۔
بزرگانِ دین اور اولیاء اللہ سب ہمارے ہیں، ان کی عقیدت و عظمت ضرور ہمارے دلوں میں ہونی چاہیے، کہ اللہ والوں کی عقیدت و محبت ایمان کا حصہ ہے، اور ان سے دشمنی و عداوت خدا سے اعلانِ جنگ ہے، جو ایمان کے لیے زہر قاتل سے کم نہیں، لیکن فلاں کو فلاں سے افضل ماننا یہ ضروری نہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اِتحادکی توفیق دے کہ تمام سلاسل طریقت کے ماننے والے آپس میں مل جل کر رہیں اور ان کے اِرشادت پر عمل پیرا ہوں، اور کسی بزرگ کی توہین سے قطعاً پرہیز کریں، اسی میں ہماری بھلائی ہے اور اسی میں ہم بزرگوں کے فیوض و برکات سے متمتع و مستفید ہو سکتے ہیں۔ آمین بجاہ حبیبہ سید المرسلین علیہ وعلیٰ آلہ افضل الصلوٰۃ واکرم التسلیم۔

محمد عبدالمبین نعمانی قادری
المجمع الاسلامی، ملت نگر، مبارک پور، اعظم گڑھ (یوپی)
۱۱/ذی القعدہ ۱۴۳۱ھ ۔۔۔ مطابق:۲۰/اکتوبر ۲۰۱۰ء

تاثرِ جلیل

حضرت علامہ و مولانا مفتی مشتاق احمد قادری عزیزی
صدر شعبۂ افتاء جامعہ اہلسنّت صادق العلوم، ناسک شریف

بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم، نحمدہٗ ونصلی علی رسولہ الکریم، اما بعد !
پیش نظر کتاب جس کا عرفی نام ’تحفۂ رفاعیہ اور تاریخی نام’ انوارلتحقیقات ۱۳۰۶ھہے جو رفاعی سلسلہ میں رائج راتب کے بارے میں کیے گئے سوالات کے قرآن و حدیث درجنوں کتبِ فقہ و تفاسیر واَقوالِ سلف سے ماخوذ محققانہ و مد ققانہ جوابات پرمشتمل ہمعصر اعلی حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی چودھویں صدی ہجری کے اوائل کے شہرہ آفاق محدث و فقیہ حضرت شیخ سید نورالدین سیف اللہ رضی اللہ عنہ کی عبقری فکر و نظر و تبحر علمی کا اعلیٰ ترین شاہکار ہے، جس کی ہر ہرسطر اور طرزِ نگارش ان کی محدثانہ عظمت اور فقیہا نہ بصیرت کا آئینہ دار ہے۔
یہ کتاب اپنے خصوصی موضوع کے علاوہ دیگر اِصلاحی پہلوؤں کوبھی محیط ہونے کے باعث اہل سنت کے ہر طبقہ میں مفید، کار آمد اور اَربابِ علم وتحقیق کی تسکین خاطر کا بیش بہا سامان ہے۔
دلائل و براہین کا یہ گوہر آبدار تقریباً ایک صدی سے زائد عرصہ سے گمنامی کے اندھیروں سے دوچار تھا، لیکن -خدا عمر نوح بخشے- مبلغ اِسلام اَدیب العصر حضرت علامہ محمد افروز قادری چریاکوٹی -پروفیسر دلاص یونیورسٹی کیپ ٹاؤن افریقہ- کو کہ انہوں نے شبانہ روز کی عرق ریزی و کاوش کے بعد اس شاہکارِ تحقیق کے قدیم پیکر کو جدید ترتیب و تسہیل و تخریج کی آرائشوں سے مزین و مرصع فرما کر ارباب فکر ونظر کی بزم میں عروسِ نو بنا کر پیش کرنے کی لازوال سعادت سے خود کو مالال کیا۔ فمنح اللّٰہ لہٗ اجراً جزیلا۔
موصوف اس کارِ علمی پروابستگانِ سلسلہ رفاعیہ کی جانب سے خصوصاً اور عامۃ المسلمین کی طرف سے عموماً ہدیۂ تبریک و تشکر کے مستحق ہیں۔
اسی کے ساتھ اس تحریک و عمل کے گرم جوش اور فعال محرک حضرت علامہ سید رضوان صاحب قبلہ ثقافی رفاعی شافعی (استاذ جامعہ اہل سنت صادق العلوم، شاہی مسجد،ناسک و رکن تحریکِ برکاتِ امام شافعی ) کی مساعی جمیلہ بھی قابل قدر اور ناقابل فراموش ہیں۔
خداوند قدوس کتاب میں ہر نوع کے شریک و سہیم کو سرخروئی دارین عطا فرمائے۔آمین بجاہِ النبی الرؤف الکریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم۔

مشتاق احمدقادری عزیزی امجدی
استاذ: جامعہ اہلسنّت صادق العلوم
شاہی مسجد، ناسک سٹی، مہاراشٹر
۱۰/جمادی الاولیٰ۱۴۳۱ھ

پیش لفظ

محب محترم فاضل مکرم
علامہ مولانا سید محمد رضوان رفاعی ثقافی
مدظلہ العالی

’عدۃ النوبۃ و حضرۃ الرفاعیۃ سلسلۂ عالیہ رفاعیہ کا دائروں کی لے پر کیا جانے والا انوکھا طریقۂ ذکر جو ہندو پاک میں ’راتب رفاعیہ کے نام سے مشہور و معروف ہے۔حلقۂ ذکر میں جب نعت ومنقبت، کلمہ توحید اور قصیدوں کی بھینی بھینی صدائیں دف کی آوازوں سے بلند ہونے لگتی ہیں تو محفل میں ایک روحانی سماں بندھ جاتا ہے، اور رفاعی فقراء لذتِ ذکر سے سرشار و مدہوش ہو کر عالم وجد میں آہنی آلات مثلاً گرز و شمشیر، خنجر و سیخ وغیرہ سے اپنے جسم پر ضربیں لگاتے ہیں، بے خوف وخطر دہکتے کوئلوں میں کود جاتے ہیں، زہر اور تانبے کو پانی کی طرح پیتے ہیں، مگر بدن سے نہ قطرۂ خون رستا ہے اور نہ ہی کسی تکلیف و اَذیت کا اِحساس ہوتا ہے اور نہ ہی زخموں کے نشانات ابھرتے ہیں، مجمع پر ایک کیف سا طاری ہو جاتا ہے، اور حاضرین دم بخود ہو جاتے ہیں۔ یہ منظر بڑا ہی روح پرور و ایمان افروز ہوتا ہے۔
راتب رفاعیہ کب، کہاں، کیسے،اور کیوں ؟ کے تاریخی سرمایہ پر علمائے اہلسنّت کی گرآں قدر نگارشات کا بڑا اہم ذخیرہ معتبرکتب میں موجود ہے، جس کی تفصیل کے لیے صفحات درکار ہیں۔ بطور اختصار اس کا لب لباب و خلاصہ کلام کچھ اس طرح ہے۔ احیاے سنت و اصلاح فکر و اعتقاد، روحانیت کا ما دیت پر غلبہ کا جیتا جاگتا ثبوت، منکرین عظمت اولیا کے خلاف رفاعی صوفیوں کا بر ملا اظہارِ احتجاج، فتنۂ تا تھار میں بغداد کے مظلوم مسلمانوں کی آہوں کو مشائخ رفاعیہ کا بخشا ہوا اِحساس تحفظ، شاہ تا تھار ہلاکو خان و غازان خان اور ان کے لشکر کے لیے انعام خسروی،جس کی برکتوں سے وہ آشناے اسلام و ایمان ہوئے۔ سلطان العارفین سیدنا سید احمد کبیر رفاعی رضی اللہ عنہ کی عظیم الشان اور جلیل القدر کر امت جو بعد وصال بھی آپ کے خلفاء و مریدین ومنتسبین میں جاری و ساری ہے۔ (الاصول الاربع فی طریق الغوث الرفاعی الارفع سید محمد کمال الدین رفاعی دمشقی)
امام اجل عالم ربانی فقیۂ عصر سید عبدالرحمن بن محمد شافعی المشہور ’باعلوی مفتی الدیار الحضرمیۃ رحمۃ اللہ علیہ تقسیم خوارق عادات و کرامات کے ضمن میں راتب رفاعیہ کی حلت و جواز پر رقمطراز ہیں :
الذیں یضربون صدورھم بالدبوس اویطعنون اعینھم اویحملون النار ویاکلونھا وینتمون الیٰ سیدی احمد الرفاعی وسیدی احمد بن علوان اوغیر ھما من الاولیاء ان کانوا مستقیمین علی الشریعۃ قائمین بالاوامر تارکین للمناھی عالمین بالفرض العینی من العلم عاملین بہٖ لم یتعلموا السبب المحصل لھذا العمل فھومن حیز الکرامۃ۔ (بغیۃ المستر شدین، ۲۹۹ مطبع مصر ۱۳۷۱ھ۔۱۹۵۲م)
یعنی جو لوگ گرز یا چھر ی سے اپنے سینے پر ضرب لگاتے ہیں یا آنکھوں میں سیخیں چبھوتے ہیں یا انگاروں کو ہاتھوں اور منہ میں لیتے ہیں اوراس عمل کو سیدی احمد رفاعی اور سیدی احمد ابنِ علوان یا اُن کے علاوہ دیگر اولیاء رحمۃ اللہ علیہم سے منسوب کرتے ہیں اگر وہ لوگ شریعت مطہرہ کے پابند، احکام الٰہی کے بجا لانے والے، منہیاتِ شرعیہ سے باز رہنے والے اور فرضِ عین کے عالم و عامل ہوں اوراس عمل کے اظہار و حصول کے لیے کوئی دوسرا سبب مثلاً سحر وجادو وغیرہ نہ سیکھا ہو تو یہ کرامت ہے۔
سلطان العارفین ابوالعباس سیدنا سید احمد کبیر رفاعی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : حق جل شانہ دین و سنت کے احیا کے لیے کسی کو مظہر کرامت بنادے تو ایسی صورت میں اظہارکرامت سے کوئی ڈر و خوف نہیں، اور اگر کوئی درہم ودینار کے حصول کے لیے کرامتوں کا اظہار کرے تو وہ مجھ سے نہیں اور میں اس سے دنیا و آخرت میں بری ہوں۔ (البرہان المؤید)
وقتِ مسرت ہے کہ پیشِ نظر کتاب ’تحفۂ رفاعیہ تسہیل و تحقیق (نور التحقیقات مصنفہ عارف باللہ سید نورالدین سیف اللہ رحمۃ اللہ علیہ) کے پردے میں ہم اور آپ اخی الفاضل علامہ محمد افروزقادری چریاکوٹی کے دیدارسے مشرف ہو رہے ہیں جو فی الوقت صحراے افریقہ کی معروف یونیورسٹی ’دلاص میں اِسلامیات کے لیکچرر ہیں، مزید برآں صحافتی میز سے زبان و اَدب اور مسلکِ اعلیٰ حضرت کی خدمت کر رہے ہیں۔
نور التحقیقات تو عنقا ہو چکی تھی، اور آہ! اگر وہ کسی عدیم الفرصت خوش نصیب کے طاقِ نسیاں کی زینت بنی ہو تو اس کی لسانی قدامت نیز عہد رفتہ کا پیرایۂ سخن کسی لسانُ العصر کو دعوتِ تسہیل و تحقیق دے رہا تھا، فاضل محقق نے اپنی فکر و قلم کا رخ اس عظیم کارنامے کی طرف پھیرکر وقت کی ایک اہم ترین ضرورت کی تکمیل کی ہے۔
میرے ناقص علم میں پورے ہند و پاک میں راتبِ رفاعیہ پر اتنی جامع و مدلل کتاب نہیں ہے جس میں راتب رفاعیہ اور معمولاتِ سلف و خلف کے درمیان تطابق و توافق کو قرآن و سنت کی روشنی میں واضح کیا گیا ہے۔لاریب ’تحفۂ رفاعیہ کتب اِسلامیہ میں عموماً اور دیوانِ رفاعیہ میں خصوصاً ایک خوشگوار اضافہ ہے۔ تسہیل و تحقیق و تحریجِ مصادر نیز فقہ شافعی کی مفتی بہا کتابوں سے حوالجات کی صف بندی نے کتاب میں روح پھونک دی اور اس کے حسن کو دوبالا کر دیا۔
طریقۂ رفاعیہ اور راتب رفاعیہ کی اصل و حقیقت کے متلاشیوں کو کتابِ مستطاب کا مطالعہ نہ صرف مطمئن و مسرور کر دے گا بلکہ جملہ شکوک و شبہات کو چاک چاک کر دے گا، بالخصوص گلشن مخدوم کوکن کے باسیوں کے لیے جو آج بھی راتب رفاعیہ کی محفلوں کے دیپ جلائے بیٹھے ہیں، تحفۂ رفاعیہ کا مطالعہ نافع و ایمان افروز ثابت ہو گا۔ اور رہی بات نجدی و وہابی مکتبہ فکر کے منہ زوروں کی جنہوں نے عرصہ دراز سے راتب رفاعیہ کی حلت وجواز پر بھی واویلا مچا رکھا ہے توان کے دلوں کا اطمینان ہمارے ہاتھوں نہیں، تاہم کار ہدایت کے لیے اسباب کا مہیا کرنا سنتِ الٰہی ہے، منکرینِ عظمتِ اولیا کے لیے تحفۂ رفاعیہ کا ایک ایک حرف حق و صداقت کا تازیانہ ہے :
فسوف تری اذا انکشف الغبار
أ فرس تحت رجلک أم حمار
ہم مشکور و ممنون ہیں حضرت علامہ سید حسام الدین رفاعی ولیعہد خانقاۂ عالیہ رفاعیہ، بروڈا شریف،پیرطریقت مبلغ اعظم ہند علامہ محمد عبد المبین نعمانی قادری، مفتی مشتاق صاحب کے ساتھ ان جملہ مخلصین و مخیرین حضرات کے جنہوں نے اس شمع ہدایت کو روشن کرنے میں دامے درمے قدمے قلمے سخنے حصہ لیا، فجزا ھم اللّٰہ خیر الجزاء فی الدنیا و الاخرہ۔
خدا کرے محب گرامی علامہ قادری چریاکوٹی کا یہ تحقیقی اور تحریک کا یہ اشاعتی سفر تادم حیات جاری رہے۔ حق سبحانہٗ تعالیٰ مجھ عاصی و جملہ معاونین کو سلطان العارفین سیدنا غوث الرفاعی کے روحانی فیوض و برکات سے مالا مال فرمائے۔ اللّٰھم ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم بسیدنا محمدوعترتہ الطاہرین برحمتک یا ارحم الراحمین اسی حرفِ دعا و تمنا کی شمع فروزاں کیساتھ الوداع۔
سید رضوان احمد ابن سیدحسین رفاعی
استاذ:جامعہ اہلسنّت، ناسک شریف
و نائب صدر: تحریکِ برکاتِ امام شافعی، رائے گڈھ، ونی پرار، کوکن

سبب تالیف

بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد للّٰہ الذي أنار أسرار معرفتہ بنور الدین و الإسلام، و أفاض أنوار ربوبیتہ علی من سلک طریق الحق ثم استقام، و زین قلوب أولیاۂ الذین أحکموا أحکام الشریعۃ و الطریقۃ غایۃ الإحکام، و نور فؤاد أحباۂ الذین تشبثوا بأذیال الشریعۃ و تمسکوا بسنۃ خیر الأنام، و الصلوٰۃ و السلام علی من ہو صاحب الصدر و المقام الذي نور تحقیقاتہ أزال الشبہات و الأوہام، و نور بأنوار ہدایتہ الکائنات و رفع منہا الظلام، و جعلہ اللّٰہ تعالیٰ خلیفۃ لہدایۃ الخواص و العوام، و ہو باعث وجود الموجودات من العرش إلی الفرش حتی الأنبیاء و الملائکۃ الکرام ، کما ثبت ذلک بحدیث قدسي عن اللّٰہ تعالیٰ ذی العز و الجلال و الإکرام، و علیٰ آلہ الطاہرین من الرجس و الاٰثام، و ہم کسفینۃ نوح علیٰ نبینا و علیہ الصلوٰۃ و السلام، و أصحابہ الذین تشرفوا بشرف مجلسہ و قرب المقام، ففازوا بالنعمۃ السرمدیۃ وکمال المرام، الذین رفعوا رأیات الدین و نشروا الأعلام لہدایۃ طریق الحق و إبطال الکفر و الأزلام، و فرقوا بین الحق والباطل بالدلائل و البراہین و الصمصام، و علی جمیع التابعین الکرام و تابعي التابعین العظام و علی من تمسک بسلسلۃ إرشادہ مریداً عروج معارج الکرام، و طالبا للحق و صعود المقام إلی یوم الحشر و القیام۔ أما بعد !
حمدو صلوٰۃ کے بعد راہِ شریعت و طریقت پرچلنے والوں اورجادۂ حقیقت و معرفت کی پیروی کرنے والوں پر روشن و آشکارہوناچاہیے کہ اس رسالے کی تحریر و ترتیب کا سبب و مقصد کیا ہے!۔ تو (دراصل ) سلسلہ عالیہ رفاعیہ اورطریقہ احمدیہ سے منسلک ومتعلق اکثر حضرات نے مجھ کم علم سے بارہا اِصرار کیاکہ (بڑا اچھاہوتا) اگر کوئی ایسا رسالہ تیار کر دیاجاتاجس میں مشربِ رفاعیہ کے جملہ لوازمات اور مسلک اَحمدیہ کی ساری ضروریات اَحادیث صحیحہ اورروایاتِ معتبرہ کی روشنی میں تفصیل کے ساتھ بیان کر دی جاتیں، لہٰذا اِ س فقیرحقیر خادم طلبہ ومشائخ سید نورالدین سیف اللہ -ابن حضرت صاحب سجادہ احمدیہ شیخناومولانا سید ابوالنصر محمد امین اللہ المعروف سید حسام الدین الحسینی الموسوی الرفاعی- نے احادیث و روایات کے حوالے سے ’’تحفہ رفاعیہ نامی یہ رسالہ مرتب کیا،جس کا تاریخی نام ’’نور التحقیقات۱۳۰۶؁ھہے جس میں ایک فائدہ کے ساتھ بارہ سوالوں کا مدلل جواب درجہے۔ جو -بحمدہٖ تعالیٰ- سورت وبمبئی وغیرہ کے مشاہیر علمائے دین، قاضیانِ شرع متین اور مشائخ سجادہ نشین کی (تائیدی ) دستخطوں اور مہروں کے ساتھ ہدیہ قارئین وناظرین ہے۔
پروردگارِ عالم بطفیل رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلمجملہ اہل اِسلام کو اَولیاے کرام کی محبت و عقیدت نصیب کرے۔نیز شریعت مطہرہ کی پیروی اورمسائل دینیہ سے آگہی کی انھیں توفیق عطافرمائے۔
آمین یا رب العالمین
و اللّٰہ یہدی من یشاء إلی سبیل الرشاد
و علیہ التوکل والاعتماد

[رباعی]

آں کس کہ کمالِ اَولیا را نہ شناخت ویں نعمت خاص بے بہا را نہ شناخت

پس شکر نہ کر دو حب ایشاں نہ گزید میداں بہ یقیں کہ او خدا را نہ شناخت

یعنی وہ شخص کہ جسے اولیا وبزرگانِ دین کی کمالِ عظمت کی پہچان نہ ہو
سمجھ لو کہ وہ ایک عظیم اورگراں مایہ سرمایہ کی شناخت سے محروم رہ گیا
جس نے اتنی عظیم دولت پا کر بھی ناشکری کی اور اُن کی محبت واُلفت
سے اپنے آبگینہ دل کو منور و تابناک نہ کیا
توپھر بالیقین جان لو کہ اسے درحقیقت خداوند قدوس ہی کی شناخت نہیں ہے۔

استفتا

کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع مبین -زادہم اللہ تعالیٰ شرفا وتعظیما- مندرجہ ذیل سوالاتِ مستفسرہ کے بارے میں۔ صحیح الاسناد اَحادیث اور فقہ کی کتابوں کی روشنی میں تفصیل سے ان کے جوابات بیان فرما کر ماجور ومشکورہوں۔ بَیَّنُوا تُوجَرُوا۔

نکاح و ولیمہ کے وقت دف بجانا کیسا؟۔

سوالِ اول :
نکاح، ولیمہ یابچے کی پیدائش کے وقت دف یعنی دائرے کا بجانادرست وجائز ہے یانہیں۔
جوابِ اول :
سوال ملاحظہ کرنے کے بعد اُس کا جواب از روے شرع مجھ پر یوں منکشف ہوا کہ نکاح، ولیمہ یا بچے کی پیدائش کے وقت بلکہ ہر شرعی خوشی کے موقع پر دائرہ (دَف) بجانا جائز و درست ہے، اور فقہ کی معتبر کتابوں سے اس کا مباح ہونا ثابت ہے۔ چنانچہ عینی شرح کنزالدقائق کے -باب الشہادۃ- میں ہے :
و من الناس من أجاز الغناء في العرس، ألا تری أنہ لا بأس بضرب الدف فیہ إعلانا للنکاح۔
یعنی بعض لوگوں (۱) نے شادی کے موقع پر غنا کوجائز قرار دیا ہے۔دیکھیں نا کہ نکاح کا اِعلان کرنے کی غرض سے اس میں دف بجانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
فتاویٰ مختصر شافی کی -فصل فی السماع و التغنی و المزامیر- میں لکھا ہے :
و من الناس من جوز ذٰلک في العرس و الولیمۃ و إن کان فیہ نوع لہوٍ و طربٍ لم یکن بہ بأس لأن فیہ إظہار النکاح و بہ أمر صاحب الشرع ’أعْلِنُوا النِّکَاحَ وَ لَو بِالدُّفِّ۔ (۲)
یعنی بعض مشائخ نے شادی اور ولیمہ میں غناکی اِجازت دی ہے۔اگرخوشی کے اس موقع پر لہووطرب کاکچھ اَندازپیدا ہو جائے تب بھی اس میں کوئی حرج نہیں، کیوں کہ اس میں نکاح کا اظہارواِعلان ہے۔اوراس کا حکم توسرکارابدقرار علیہ الصلوٰۃ و السلام نے دیا ہے کہ نکاح کا اِعلان کروخواہ دف بجا کر ہی سہی۔
یوں ہی درمختار کے ترجمہ ’غایۃ الاوطار کی جلد دوم-کتاب النکاح-میں ہے :
مراد زفاف سے یہاں عورتوں کا اجماع ہے۔ اس واسطے کہ شب زفاف میں عورتوں کاجمع ہونا عرف میں لازم ہے اور بعضوں نے کہا ہے کہ زفاف سے مراد دف بجا کر اعلان کرنا ہے۔
نیز اسی کتاب کی جلدسوئم کے صفحہ ۳۹۸ -کتاب الشہادۃ- میں لکھا ہے :

(۱) یہاں ’الناس سے مرادفقہاو مشائخ ہیں جیسا کہ تبیین الحقائق میں اس کی تصریح ہے :
و مِن المشایِخِ من جاز الغِنائَ فِی العرسِ ألا تری أنہ لا بأس بِضربِ الدُّفِ فِیہِ إعلانا لِلنِکاحِ۔ (تبیین الحقائق شرح کنز الدقائق:۱۲/۲۷۱)
یعنی بعض مشائخ کرام نے خوشی کے موقع پر غنا کوجائز قرار دیا ہے۔کیا آپ نہیں دیکھتے کہ نکاح کا اعلان کرنے کی غرض سے اس کے اندر دف بجانے میں کوئی حرج نہیں !۔ -چریاکوٹی-
(۲) المحیط البرہانی فی الفقہ النعمانی ابن مازہ:۹/۱۷۳۔
اور دوسری قسم ملاہی کی مباح ہے وہ دف ہے نکاح اور نکاح کی مانند ہرسرور حادث میں -کذا فی الطحطاوي عن البحر-
اسی کتاب کی جلدسوئم صفحہ ۳۹۹ -کتاب الشہادۃ-میں تحریر ہے :
اور بعض فقہا نے جائز رکھا ہے سرود کو نکاح میں جیسے دف بجانا اس میں جائز ہے اور بعضوں نے اس کومباح کہا ہے مطلقاً نکاح اور غیرنکاح میں۔
اسی کتاب کی جلدسوئم صفحہ ۳۰۰ -کتاب الشہادۃ-میں درج ہے :
اور مغنی میں ہے کہ ملاہی دوقسم کی ہے ایک محرم چنانچہ آلات مطربہ غناجیساکہ مزمار وطنبور وغیرہ اور دوسری قسم مباح ہے وہ دف ہے نکاح اور اس کے مانند اور سرورِ حادث میں۔
اور بعضوں نے کہا ہے کہ نکاح کا اِظہار دف بجا کے کرناسنت ہے۔ چنانچہ ابن بطال نے شرح بخاری میں روایت کیا ہے :
قال المہلب: السنۃ إعلان النکاح بالدف۔ ۔۔(۱)
یعنی شیخ مہلب فرماتے ہیں کہ نکاح کا اعلان دف کے ساتھ کرناسنت ہے۔
نیز امام احمد بن حنبل کے نزدیک نکاح میں دائرہ(دف) بجانا مستحب ہے۔ (۱)چنانچہ شیخ شمس الدین مقدسی حنبلی نے المقنع کے اندر -کتاب النکاح-کے تحت لکھا ہے :
یستحب ضرب الدف في النکاح۔ (۲)
یعنی نکاح میں دف بجانامستحب ہے۔

(۱) شرح ابن بطال: ۱۳/۲۶۱۔
(۲) المبدع شرح المقنع:۸/۱۸۰۔۔۔ المغنی:۱۵/۳۶۔اسی صفحہ میں امام احمد بن حنبل کا یہ قول بھی نقل ہے کہ : لا بأس بالدف في العرس و الختان۔ یعنی شادی اور ختنہ کے موقع پر دف بجانے میں کوئی حرج نہیں۔ -چریاکوٹی-
علیٰ ہذا القیاس فقہاے شافعیہ بھی نکاح اور ولیمہ میں دائرہ بجانا مستحب جانتے ہیں۔ چنانچہ فقیہ حافظ ابوبکر محمد بن عبد اللہ عامری بغدادی شافعی اپنی کتاب کے -باب السماع- میں تحریر فرماتے ہیں :
لما قسم ضرب الدف تقسیماتٍ قال و ضربٌ یستحب فالمستحب في العرس و الولیمۃ۔ و قال صاحب البیان و ابن عصرون و ابن درباس صاحب الاستقصاء و ایراد المحاملي یقتضیہ و کذا الجرجاني في تحریرہ و کذلک سلیم الرازی في کتاب المسمی بالمحرر، و إلیہ أشار عماد الدین السہروردي صاحب الذخیرۃ، و نقل ابن حمدان الحنبلي قولا في مذہب أحمد فقال و الدف یباح في العرس و قیل و الختان، ذکرہ في الرعایۃ الکبریٰ۔
یعنی فقہاے کرام نے دف بجانے کے بہت سے مواقع بیان فرمائے ہیں۔ توشادی اور ولیمہ میں دف بجانا مستحب ہے۔ صاحب بیان، ابن عصرون، اور ابن درباس صاحب الاستقصاء نے بھی یہی کہا ہے، اورمحاملی کے اعتراض کا مقتضا بھی یہی ہے۔ یوں ہی علامہ جرجانی نے ’’تحریر میں اور سلیم رازی نے اپنی کتاب’’محرر میں بیان فرمایا ہے۔ اور صاحب ذخیرہ عماد الدین سہروردی نے بھی اسی کی طرف اشارہ کیا ہے۔ ابن حمدان حنبلی سے مذہب حنبلی میں ایک قول منقول ہے کہ شادی اورایک قول کے مطابق ختنہ کے مواقع پر دف بجانا مباح ہے، جس کاذکر ’’رعایۃ الکبریٰ میں آیا ہے۔
اسی طرح علمائے مالکیہ کی تحریر میں بھی دف بجانے کی اِباحت پائی جاتی ہے۔ چنانچہ قاضی ابوبکر ابن العربی المالکی اپنی کتاب’’الاحکام میں فرماتے ہیں :
۔۔۔۔۔۔إن آلات اللہو المشتہرۃ للنکاح یجوز استعمالہا فیہ و ذکر الدف منہا۔ (۱)
یعنی نکاح (کے اظہار) کے لیے جو آلاتِ لہومشہو رہیں ان کا اس میں استعمال جائز ہے اور انھوں نے دف کو انھیں میں سے شمارکیا ہے۔
تو فقہ کی اِن معتبر روایتوں سے ظاہر ہے کہ نکاح یا ولیمہ میں دف بجانادرست وجائز ہے۔ بلکہ بعض علما نے اس کو مستحب ومسنون بھی کہا ہے مشکوٰۃ شریف کے -باب النکاح-میں مذکوراُس حدیث کی وجہ سے جسے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے روایت فرمایا ہے :
قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم : أعلنوا ہذا النکاح واجعلوہ فی المساجد و اضربوا علیہ بالدفوف۔ (۲)
یعنی اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نکاح کا اِعلان و اظہار کیا کرو، نکاح مسجدوں میں کیا کرو، اور (خوشی کے )اس موقع پر دف بجایا کرو۔
اور مشکوٰۃ شریف کے -باب النکاح-ہی میں ہے :
و عن محمد بن حاطب الجمحي عن النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال : فصل ما بین الحلال و الحرام الصوت والدف

(۱) مواہب الجلیل فی شرح مختصر الشیخ خلیل:۱۱/۳۷-باب تنبیہ انواع الاطعمۃ فی بعض الاعراس۔۔۔-
(۲) سنن ترمذی:۴/۳۷۳حدیث: ۱۱۱۲۔۔۔ مشکوٰۃ المصابیح: ۲/۲۱۴ حدیث: ۳۱۵۲۔۔۔ سنن کبریٰ بیہقی: ۷/۲۹۰۔۔۔ جمع الجوامع سیوطی: ۱/۴۱۲۹ ۔۔۔ کنزالعمال: ۱۶/۲۹۱حدیث:۴۴۵۳۶۔۔۔ مسند جامع: ۵۰/۲۰۰حدیث: ۱۶۶۷۷۔۔۔ تخریج احادیث الاحیائ: ۳/۴۵۵حدیث: ۱۴۵۵۔۔۔ اسنی المطالب فی احادیث مختلفۃ المراتب:۱/۶۰ حدیث:۲۱۹۔۔۔ المقاصد الحسنہ سخاوی: ۱/ ۱۲۵حدیث: ۱۲۹۔۔۔ العلل المتناہیۃ: ۳/۶۲۶حدیث:۱۰۳۴۔
في النکاح۔ (۱)
یعنی حضرت محمد بن حاطب جمحی روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم نے ارشاد فرمایا: نکاح کے اندر حلال و حرام کے درمیان فرق کرنے والی چیز دف بجانا ہے۔
نیز مشکوٰۃ شریف کے -باب الاعلان-میں بخاری شریف کے حوالے سے ایک حدیث یوں نقل ہوئی ہے :
عن الربیع بنت معوذ بن عفراء قالت : جاء النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم فدخل حین بنی علي فجلس علی فراشی کمجلسک منی فجعلت جویریات لنا یضربن بالدف ویندبن من قتل من آبائی یوم بدر إذ قالت إحداہن : وفینا نبی یعلم ما فی غد فقال : دعی ہذہ وقولی بالذی کنت تقولین۔
یعنی ربیع بنت معوذ بن عفرا فرماتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم میری شادی کے دن ہمارے پاس آئے اور جیسے تم میرے پاس بیٹھے ہو یوں ہی میرے بستر پر تشریف فرما ہو گئے۔ تو(موقع غنیمت جانتے ہوئے) ہماری بچیاں دف بجانے لگیں، اورجنگ بدر میں جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے آباؤ اَجداد

(۱) مشکوٰۃ المصابیح: ۲/۲۱۵ حدیث: ۳۱۵۳۔۔۔ سنن نسائی: ۶/۴۳۷ حدیث: ۳۳۶۹۔۔۔ سنن ابن ماجہ: ۶/۹۱ حدیث: ۱۹۷۱۔۔۔ مستدرک حاکم: ۲/۲۰۱حدیث:۲۷۵۰۔۔۔ مسند احمد بن حنبل: ۴/۲۵۹ حدیث: ۱۸۳۰۶۔۔۔ سنن سعید بن منصور:۱/۱۷۳حدیث: ۶۲۹۔۔۔ معجم کبیر طبرانی: ۱۹/۲۴۲ حدیث: ۱۶۲۱۲۔۔۔ شرح السنہ بغوی: ۵/۴۳۔۔۔ جامع کبیر سیوطی: ۱/۱۴۸۳۵۔۔۔ کنز العمال: ۱۶/ ۳۰۰ حدیث:۴۴۵۸۴۔۔۔ التلخیص الحبیر فی تخریج احادیث الرافعی الکبیر:۶/۳۶حدیث: ۲۶۵۵۔۔۔ مسند جامع: ۳۵/۹۶حدیث: ۱۱۳۴۹۔۔۔ تحفۃ الاشراف: ۱۰/۱۶۷حدیث:۱۱۲۲۱۔
کا مرثیہ پڑھنے لگیں۔ اتنے میں کسی بچی کے منہ سے یہ نکل گیا: ’’ہم میں ایک ایسے نبی موجود ہیں جنھیں کل کی باتوں کا پتا ہوتا ہے۔یہ سن کر آپ نے فرمایا: اِسے چھوڑو اور وہی پڑھوجو تم لوگ پڑھ رہی تھیں۔ (۱)

عیدین وغیرہ کے موقع پر دف بجاناکیسا؟

سوالِ دوم :
کسی دینی خوشی یا عیدین وغیرہ کے موقع پر دف بجانا از روئے شرع درست ہے یا نہیں ؟۔
جوابِ دوم :
ہر دینی خوشی کے موقع پریاعیدین کے دن دائرہ (دف) بجانا درست وجائز ہے۔ہر شرعی خوشی میں دائرہ بجانے کا جواز توسوالِ اوّل کے جواب سے ظاہر ہے۔ اورعید کے دن دف بجانے کی اِباحت حدیث شریف سے (بطورِ خاص) ثابت ہے۔ امر واقعہ یہ ہے کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم اَیام تشریق میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے مکان میں تشریف رکھتے تھے، اورحضرت عائشہ کی دو لونڈیاں دف بجا کر اَشعار پڑھ رہی تھیں۔ اسی بیچ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ آگئے اور اُن لونڈیوں کو دف بجانے سے منع کرنے لگے۔ یہ دیکھ کر آقاے کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اَبوبکرصدیق سے فرمایاکہ اے ابوبکر! ان سے درگزرکرو، اور انھیں

(۱) صحیح بخاری :۱۳/۳۶۳حدیث:۴۰۰۱۔۔۔ سنن ابن ماجہ:۱/۶۱۱ حدیث: ۱۸۹۷۔۔۔ سنن کبریٰ بیہقی:۷/۲۸۹۔۔۔ مشکوٰۃ المصابیح:۲/۲۱۲حدیث: ۳۱۴۰۔۔۔مسند الصحابہ فی الکتب التسعہ:۴۳/ ۴۲۵ حدیث:۳۷۷۹۔۔۔ شرح السنہ بغوی: ۵/۴۲۔۔۔ مسند جامع: ۴۸/۲۱۵ حدیث: ۱۵۹۱۳۔۔۔ تحفۃ الاشراف: ۱۳/ ۱۹۵حدیث:۱۵۸۳۱۔
بجانے دو، کیوں کہ یہ عید کے دن ہیں۔ اورایک روایت میں یوں آیا ہے کہ ہر قوم کے لیے ایک عیدکادن ہوتا ہے اور یہ ہمارے عیدکا دن ہے۔ چنانچہ مشکوٰہ شریف کے -باب صلوٰۃ العیدین-میں متن حدیث یوں درج ہے :
و عن عائشۃ قالت : إن أبا بکر دخل علیہا و عندہا جاریتان فی أیام منی تدففان و تضربان وفی روایۃ : تغنیان بما تقاولت الأنصار یوم بعاث والنبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم متغش بثوبہ فانتہرہما أبو بکر فکشف النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم عن وجہہ فقال : دعہما یا أبا بکر فإنہا أیام عید وفی روایۃ : یا أبا بکر إن لکل قوم عیدا وہذا عیدنا۔ (۱)
اس حدیث شریف سے ظاہر ہے کہ عیدین کے دن دف بجانادرست و جائز ہے۔ اگر درست نہ ہوتا تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ضرور اس کی ممانعت فرماتے نیز حضرت ابوبکر صدیق کو منع کرنے سے نہ روکتے۔اس کے جزئیات فقہی کتابوں میں بھی درج ہیں تاہم اختصار کے باعث اسی پراکتفا کرتے ہیں۔

کیا راتب وغیرہ کے وقت دف بجا سکتے ہیں ؟

سوالِ سوم :
راتب طریقہ رفاعیہ یامطلقاً کسی وقت میں دائرہ یعنی دف بجانا درست وجائز ہے یا نہیں ؟۔

(۱) صحیح بخاری : ۴/۱۵۵حدیث: ۹۸۷۔۔۔ صحیح مسلم:۵/۴۷۲ حدیث: ۲۱۰۰۔۔۔ سنن نسائی کبریٰ : ۱/۵۵۲ حدیث: ۱۷۹۶۔۔۔ سنن کبریٰ بیہقی: ۷/۹۲۔۔۔ مستخرج ابی عوانہ:۵/۴۹۲ حدیث: ۲۱۴۱۔۔۔ صحیح ابن حبان: ۲۴/۲۷۱ حدیث:۵۹۶۴۔۔۔ مشکوٰۃ المصابیح:۱/۳۲۱ حدیث: ۱۴۳۲۔
جوابِ سوم :
راتب طریقہ رفاعیہ اور فحش و لعب سے پاک دائرہ بجانامطلقاً ہر کسی وقت میں درست و جائز ہے۔ علمائے دین اور فقہاے شرع مبین نے اس کی اِباحت وجواز پر ثبوت و دلیل اُس حدیث سے لی ہے کہ ایک عورت نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے دف بجانے کی نذرمان لی تھی، چنانچہ جب اس نے سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ دف بجاؤں یا نہیں توآقاے رحمت علیہ السلام نے اسے دف بجانے کی اجازت دے دی۔مشکوٰۃ شریف کے -باب النذور- میں یہ حدیث یوں مذکور ہے :
عن عمرو بن شعیب عن أبیہ عن جدہٖ رضی اللّٰہ عنہ أن امرأۃ قالت : یا رسول اللّٰہ إنی نذرت أن أضرب علی رأسک بالدف قال: أوفي بنذرک۔ (۱)
اسی وجہ سے علمائے مجتہدین نے نکاح و ولیمہ اور عیدین وغیرہ کے علاوہ ہر موقع پر دف بجانے کو جائز رھا ہے بشرطے کہ وہ فواحش و غنا اور لہوو لعب سے پاک ہو۔ چنانچہ فتاویٰ مختصر شافی کے -فصل السماع- میں ہے :
و سئل أبویوسف عن الدف في غیر العرس أ یکرہ أم لا قال لا ما لم یجیٔ منہ اللعب الفاحش و الغنائ، و سماع الدف و إن کان فیہ جلاجل جائز۔
یعنی حضرت ابویوسف سے پوچھا گیا کہ شادی کے علاوہ (کسی اور موقع پر) دف بجانا مکروہ ہے یا نہیں ؟ توآپ نے فرمایا:نہیں جب تک کہ اس میں غنا اور

(۱) سنن ابوداؤد:۱۰/۷۲ حدیث: ۳۳۱۴۔۔۔ سنن بیہقی:۲/۱۴۵ حدیث:۲۰۵۹۶۔۔۔ مشکوٰۃ المصابیح: ۲/۲۸۲حدیث: ۳۴۳۸۔۔۔ سنن کبریٰ بیہقی: ۱۰/۷۷۔۔۔ الالمام باحادیث الاحکام: ۱/۱۸۲ حدیث: ۸۷۲۔۔۔ نصب الرایہ فی تخریج احادیث الہدایہ: ۷/۲۲۴۔۔۔ التلخیص الحبیر فی تخریج احادیث الرافعی الکبیر: ۶/۳۶ حدیث: ۲۶۵۶۔۔۔ مسند جامع: ۲۶/۲۲۰حدیث: ۸۴۹۴۔۔۔ تحفۃ الاشراف: ۸/۱۴۷ حدیث:۸۷۵۶۔
کھیل تماشا کی ملاوٹ نہ ہو۔نیز دف کا سنناجائز ہے خواہ اس میں گھونگھرو ہی کیوں نہ بندھے ہوں۔
’’مبایع میں تحریر ہے :
إن الذي یضرب بالدف و القضیب و نحو ذلک فلا بأس بہ و لا ترد شہادتہ بخلاف العود و نحوہٖ۔
یعنی دف وغیرہ بجانے میں کوئی حرج نہیں۔ اور بجانے والے کی گواہی مقبول ہو گی۔ ہاں ! سارنگی وغیرہ بجانے والے مردود الشہادۃ ہیں۔
امام یافعی ’’محرر میں لکھتے ہیں :
و یجوز ضرب الدف في الإملاک والختان و أقرب الوجہین الجواز في غیرہما و أنہ لا فرق بین أن یکون فیہ جلاجل أو لا یکون ویحرم ضرب الکوبۃ و ہي طبل طویل ضیق الوسط۔ (۱)
یعنی ولیمہ و ختنہ کے موقع پر دف بجانا جائز ہے، اور اس کے علاوہ دیگر مواقع پردف بجانا بھی قریب قریب جائز ہی ہے۔ اب اس میں گھونگھرو اور بلا گھونگھرو کا کوئی فرق نہیں ہے۔ہاں ڈگڈگی بجاناحرام ہے۔ ڈگڈگی اس لمبی ڈھول کو کہتے ہیں جس (کے دونوں کنارے کشادہ اور اس)کادرمیانی حصہ نہایت تنگ ہو۔

(۱) فقہ شافعی کی دیگرکتابوں میں یہ حکم الفاظ کے ذراسے تغیرکے ساتھ یوں آیا ہے :
و یجوز دُفٌ لعرس وختانٌ و کذا غیرہما في الأصح و إن کان فیہ جلاجلُ۔
یعنی صحیح تریہی ہے کہ شادی وختنہ اور ان کے علاوہ دیگر مواقع پر بھی دف بجاناجائز ہے خواہ اس میں گھونگھرو ہی کیوں نہ لگے ہوں۔
المنہاج نووی:۱/۴۹۷ کتاب الشہادات ۔۔۔نہایۃ المحتاج الی شرح المنہاج:۲۸/۲۸۸۔۔۔ تحفۃ المحتاج فی شرح المنہاج:۴۳/۴۹۳۔۔۔ مغنی المحتاج الی معرفۃ الفاظ المنہاج: ۱۹/۳۴۷۔۔۔ حاشیتا قلیوبی و عمیرۃ: ۱۷/۶۷۔ -چریاکوٹی-
فتاویٰ ابواللیث میں ہے :
إن ضرب الدف في غیر العرس مختلف فیہ بین العلماء قال بعضہم لا یکرہ و ذہبت طائفۃ إلی إباحتہ مطلقاً جریٰ علیہ إمام الحرمین والغزالي و حکاہ عماد الدین السہروردي عن بعض الأصحاب۔ وقال القاضي أبوالطیب ابن الصباغ و غیرہا عن بعض أصحاب الشافعي أیضا أنہ قال إن صح حدیث امرأۃ التي نذرت لم یکرہ في حالٍ من الأحوال، و قال القاضي أبو الطیب في الوصیۃ یصح الوصیۃ بالدف۔
یعنی شادی کے علاوہ (دیگر مواقع پر) دف بجانے کے سلسلہ میں علمائے کرام کا اختلاف ہے۔بعض علمانے فرمایاکہ وہ مکروہ نہیں ہے۔ جبکہ بعض اہل علم نے اسے مطلقاً مباح قرار دیا ہے۔ امام الحرمین اور امام غزالی کا بھی یہی موقف ہے۔ اور یہی بات شیخ عماد الدین سہروردی نے بھی بعض اصحاب سے نقل فرمائی ہے۔قاضی ابوالطیب ابن صباغ وغیرہ نے بعض اصحابِ شافعی کے حوالے سے یہ بات کہی ہے کہ اگر اُس عورت کی نذر ماننے والی حدیث صحیح ہے توپھر دف بجانا کسی حال میں مکروہ نہیں ہو گا، اور آپ نے -باب الوصیۃ-میں (یہاں تک) فرمایا کہ اگرکوئی دف بجا کر وصیت کرے تو یہ بھی درست ہے۔
اسی طرح علمائے شافعیہ معتبرفقہی کتابوں کے حوالے سے دف بجانے کو مطلقاً مباح قرار دیتے ہیں۔ چنانچہ شیخ ابن الحجر ہیتمی شافعی کی ’’کف الرعاع عن محرمات اللہو والسماع میں ہے :
إن الدف مباح في عرس و ختان و کذا في غیرہما في الأصح وإن کان فیہ جلاجل فالأصح حلہ أیضا۔
یعنی جس طرح شادی اور ختنہ (کی تقریب )میں دف بجانا مباح ہے اسی طرح صحیح ترین قول کے مطابق ان دونوں کے علاوہ (دیگر مواقع پربھی) دف بجانا مباح ہے،گرچہ اس میں گھونگھروبندھے ہوں۔ مذہب صحیح یہی ہے کہ ایسا کرنا بھی حلال ہے۔
امام سیوطی کی ’’جامع الصغیر کی شرح ’’شرح کبیرمیں أعلنوا ہٰذا النکاح۔۔ والی حدیث کے تحت شیخ عبدالرؤف مناوی نے لکھا ہے :
و قد أفاد الخبر حل ضرب الدف في العرس و مثلہ کل سرورٍ حادثٍ۔ ومذہب الشافعیۃ أن الضرب بہ مباح مطلقاً و لو بجلاجل و قد وقع الضرب بہ بحضرۃ شارع الملۃ و مبین الحل من الحرمۃ و أقرہ۔ ۔۔۔۔ و لا فرق بین ضربہ من امرأۃ أو رجل علی الأصح۔ ۔۔(۱)
یعنی اس حدیث سے یہ نتیجہ نکلا کہ شادی اور اس کے علاوہ خوشی کے دیگرنئے نئے مواقع پر دف بجانا جائز و حلال ہے۔ مذہب شافعی میں شادی کے موقع پر دف بجانا مطلقاً مباح ہے خواہ گھونگھرو کے ساتھ ہو۔ (اور ایسا کیوں نہ ہو کہ ) خود حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں دف بجایا گیا اور آپ نے اسے برقرار رکھا۔ اور آپ کی بعثت حلال وحرام کے درمیان فرق قائم کرنے کے لیے ہوئی تھی۔۔۔۔۔ اور صحیح ترمذہب یہ ہے کہ دف بجانے میں کوئی امتیاز نہیں رھا ہے کہ عورت بجائے یا مرد۔(کیوں کہ حدیث کے لفظ’’اضربوا کا مقتضا یہی ہے)۔

اور فقہ شافعی کی(مشہور ومعروف کتاب) منہاج نووی میں ہے :

(۱) فیض القدیر: ۲/۱۱حدیث:۱۱۹۸۔
و یجوز دُفٌ لعرسٍ و ختانٌ و کذا غیرُہما في الأصح و إن کان فیہ جلاجلُ و یحرُم ضربُ الکُوبۃ وہي طبل طویل ضیق الوسط، لا الرقصُ إلا أن یکون فیہ تکسُّر کفعل المخنِّث۔ (۱)
یعنی شادی بیاہ اور ختنہ کے موقع پر دف بجانا جائز ہے۔اور صحیح ترین مذہب کے مطابق اس کے علاوہ (اور مواقع پر)بھی دف بجانا جائز ہے خواہ اس میں گھونگھرو ہی کیوں نہ بندھے ہوں۔ ہاں بیچ سے تنگ لمبی ڈھول نما ڈگڈگی بجانا حرام ہے۔ جب کہ (ایک خاص استقامت وجھکاؤ کے ساتھ) رقص کرنا حرام ومکروہ نہیں۔ ہاں ! اگراس میں مخنثوں کی طرح دیوانہ وار توڑپھوڑ کا عمل شروع ہو جائے توپھر یہ حرام ہو گا۔
انوار کی -کتاب الشہادۃ- میں تحریر ہے :
و لا یحرم الیراع و الدف وإن کان فیہ جلاجل لا في الإملاک و لا في الختان ولا في غیرہما و قیل یحرم الیراع و ہو الذي یقال لہ الشاہین و بالفارسیۃ نَے۔
یعنی ولیمہ، ختنہ اور ان کے علاوہ کسی بھی موقع پر بانسری اور دف بجاناحرام نہیں خواہ اس میں گھونگھرولگے ہوں۔ اور بعض علما نے فرمایا کہ بانسری بجانا حرام ہے۔یراع کو شاہین اور فارسی میں نَے کہتے ہیں۔
’’نزہۃ المجالس کے -باب ذکر الموت۔۔-میں ہے :

(۱) المنہاج نووی: ۱/۴۹۷۔۔۔ تحفۃ المحتاج: ۴۳/۴۹۷۔۔۔ مغنی المحتاج الی معرفۃ الفاظ المنہاج: ۱۹/۳۵۰ ۔۔۔ نہایۃ المحتاج:۲۸/۲۸۸۔۔۔ حاشیۃ الجمل: ۲۳/۲۷۵۔۔۔ حاشیۃ البحیرمی: ۱۶/۴۲۱۔
و أما الدف فہو مباح و مثلہ طبل الصمادیۃ و یکرہ في المسجد و یحرمان عند قراء ۃ القراٰن۔ ۔۔۔(۱)
یعنی دف اور اس کے مثل طبل صمادیہ بجانا مباح ہے۔ہاں ! مسجد میں ان کا بجانا مکروہ ہے۔ اور قرآنی خوانی کے وقت ان دونوں کا بجاناحرام ہے۔
حاصل کلام یہ ہے کہ دف کا بجانامطلقاً -خواہ کسی وقت میں بھی ہو - جائز اور درست ہے۔ اگرچہ بعض علما نے اختلاف کرتے ہوئے اسے مکروہ کہا ہے مگرصحیح تر قول جوازواِباحت ہی کاہے۔
(اس سلسلہ میں ) صحیح الاسناد اَحادیث اور علمائے مجتہدین کے مستند اَقوال بطورِ دلیل پیش کیے جاچکے ہیں کہ خود سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے روبرو دائرہ بجایا گیا ہے مگر آپ نے اس کو منع نہیں فرمایاتو اس سے معلوم ہوا کہ (دف بجانا) جائز و درست ہے۔
حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری تعلیماتِ شریعت (عام کرنے) اور احکام دین سکھلانے ہی کے لیے ہوئی تھی، لہٰذا دف بجانا اگر شریعت کی نگاہ میں ممنوع ہوتا تومعلم کائنات صلی اللہ علیہ وسلم ضرور اسے منع فرما دیتے۔ اور نکاح کے اعلان واِظہار کے واسطے دف بجانے کا حکم نہ دیتے۔ نیز عید کے دن جب حضرت ابوبکر صدیق نے لونڈیوں کو دف بجانے سے روکنا چاہا توان کو منع نہ فرماتے۔مزید بر آں اس عورت کو نذر پوری کرنے کے لیے دف بجانے کی اجازت نہ دیتے۔ تومذکورہ بالا احادیث سے (دف بجانے کاثبوت روزِ روشن کی طرح)صاف ظاہر ہے۔ علاوہ ازیں کئی اور احادیث صحیحہ سے بھی اس کا ثبوت ملتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مفتیانِ کرام نے اس کی حرمت کا فتویٰ علی الاطلاق نہیں دیا ہے، کیوں کہ اگر اس کو

(۱) نزہۃ المجالس و منتخب النفائس: ۱/۵۹۔
مطلقاً حرام کہہ دیں توگویا ایک فعل حرام کی تہمت کی نسبت سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف کرناہوا، اور آپ پر فعل حرام کی تہمت لگانا کفر ہے- حقائق، فتاویٰ مختصر شافی، اور اِیضاح الدلالات فی سماع الآلات میں ایساہی ہے-
اسی لیے علمائے کرام نے اَحوال و اَشخاص کا اعتبار کرتے ہوئے دف بجانے اور اس کے سننے کی کئی قسمیں بیان کی ہیں۔ چنانچہ پہلی قسم علی الاختلاف مسنون ومستحب ہے جیسے نکاح اور ولیمہ میں۔
دوسری قسم مباح وجائز ہے۔ جیساکہ عیدین کے دن یاکسی کے سفرسے واپس آنے کے وقت، یامطلقاً ہر خوشی کے موقع پر۔ اب اس کی بھی دو قسمیں ہیں : اول مستحسن۔اور یہ ان لوگوں کے لیے ہے جو فرطِ ذوق وشوق اور غلبہ محبت الٰہی کے باعث اچھے قصیدوں کی دھن پر آلاتِ موسیقی کے بغیر صرف دف بجا کر پورے انبساط و سرور کے ساتھ حظ اُٹھاتے ہیں۔ دوم مباح۔ اور یہ ان لوگوں کے واسطے ہے جو فقط خوش الحانی سے مسرورہوتے ہیں اور اس میں کھیل کود نہیں کرتے، کیوں کہ لہوولعب حرام ہے۔
تیسری قسم حرام ہے۔ یعنی وہ لوگ جو شراب خوری و بدکاری یافحش کلمات، غیبت وبدگوئی،اور گانے باجے مثلاً سارنگی وغیرہ کے ساتھ دف بجاتے ہوں یا کوئی عورت دف بجاتی ہو اور نامحرم مرد اس جگہ پرحاضر(ہو کرمزے لے رہے) ہوں تو یہ ساری صورتیں بلاشبہہ حرام ہیں۔
لہٰذا معلوم ہوا کہ دف فی نفسہٖ مباح ہے۔ہاں اَحوال بدل جانے کی وجہ سے اس میں حرمت آ جاتی ہے، کیوں کہ غیرشرعی اُمور بجائے خود حرام ہیں، تو اب اگر اس فعل حرام کے ساتھ کوئی دف بجاتا ہے تواس کو اس فعل ناجائز کے باعث منع کیا جائے گا۔ورنہ اگر ایسی بری مجلسیں اور غیر شرعی حالتیں نہ ہوں تو(دف بجانابالکل) درست ومباح ہو گا۔جیسا کہ مذکورہ بالا معتبرفقہی جزئیات اور صحاح ستہ وغیرہ کی مرویات سے صاف ظاہر ہے، لہٰذا واضح ہو گیا کہ مجالس رفاعیہ میں جودف بجایا جاتا ہے وہ (فقہ وحدیث کی روشنی میں ) جائز ودرست ہے۔

دف کے ساتھ قصیدے پڑھناکیسا؟

سوالِ چہارم :
ساداتِ رفاعیہ اور ان کے توابعین ومتعلقین سلسلہ مذکورہ اپنے طریقے کے مطابق ذکر اذکار کرتے ہیں، اورقصائد نعت و توصیف بزرگان صالحین یاقصائد موعظت و نصائح پڑھتے ہیں، ایسے قصائد دف کے ساتھ پڑھنا درست ہے یا نہیں ؟۔
جوابِ چہارم :
اچھے مضمون کے قصیدے -جن میں کہ بزرگانِ سلف کی توصیف، ان کی کرامت وشجاعت کے اَحوال اورپندونصیحت وغیرہ ہو-دف کے ساتھ پڑھنا جائز ودرست ہے۔چنانچہ مذکورہ بالا احادیث و روایات سے ثابت ہو چکاہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں دف کے ساتھ اشعار پڑھے گئے اور آپ نے انھیں سماعت بھی فرمایا، لہٰذا شعر کہنا یا پڑھنا یا سننا شرعاً درست وجائز ہے۔ہاں ! اس کا مضمون غیبت وفحاشی اور شرعی قباحتوں سے پاک ہوناچاہیے۔ عینی شرح کنز الدقائق کے -باب من تقبل شہادتہ و من لا تقبل-میں ہے :
و إن أنشد شعراً فیہ وعظ و حکمۃ فہو جائز بالاتفاق۔(۱)
یعنی اگر کسی نے حکمت ونصیحت سے بھرپور شعر گنگنایا تو اس کا پڑھنا بالاتفاق جائز ہے۔

(۱) تبیین الحقائق شرح کنز الدقائق: ۱۲/۲۷۱۔۔۔ البحر الرائق شرح کنز الدقائق: ۱۸/۲۸۸۔۔۔ رد المحتار:۲۲/۲۰۰-باب من یجب قبول شہادتہ علی القاضی-
اور منہاج کے -کتاب الشہادات- میں ہے :
و یباح قولُ شعرٍ و إنشادُہ إلا أن یہجو أویُفحِشَ أو یُعرِّضَ بامرأۃ معینۃ۔ (۱)
یعنی مطلقاً شعرکہنا اورگنگنانا مباح ہے۔ہاں اس سے کسی کی ہجو،یا فحش گوئی یا کسی خاص عورت پرتعریض مقصود نہ ہو۔
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے روبرو بہت سے اشعار و قصائد کہے گئے اور پڑھے گئے اور آپ نے انھیں سماعت بھی فرمایا۔چنانچہ امام احمد نے اپنی مسند میں حضرت جابر بن سمرہ کی ایک روایت نقل فرمائی ہے :
قال شہدت رسول اللّٰہ أکثر من مائۃ مرۃ في المسجد و أصحابہ یتذا کرون الشعر و أشیاء من أمر الجاہلیۃ فربما تبسم رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم۔ - أخرجہ الترمذي و صححہ۔ ۔۔-(۲)
یعنی حضرت جابر بن سمرہ کہتے ہیں کہ سینکڑوں بار مجھے مسجد نبوی کے اندر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں حاضرہونے کی سعادت نصیب ہوئی۔(میں نے دیکھا کہ)صحابہ کرام آپس میں اشعار اور زمانۂ جاہلیت کے دیگر اُمور کے متعلق تبادلۂ خیال کر رہے ہیں تو ان کی باتیں سن کر رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کبھی کبھی مسکرادیا کرتے تھے۔

(۱) المنہاج نووی: ۱/۴۹۷۔
(۲) سنن ترمذی:۱۰/۴۹۹حدیث: ۳۰۸۷۔۔۔ معجم کبیر طبرانی:۲/۳۲۷حدیث:۱۹۱۵۔۔۔ تہذیب الآثار طبری: ۲/۴۲۱ حدیث: ۵۳۸۔۔۔ مسند ابی یعلی موصلی:۱۵/۲۵۷ حدیث: ۷۲۸۳۔۔۔ مسند احمد بن حنبل: ۴۵/ ۳۴۲ حدیث: ۲۱۴۲۳۔
شیخ نجیب عبد القاہر سہروردی کی -آداب المریدین-میں تحریر ہے :
و أما القصائد و الأشعار فقد سئل النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم عن الشعر فقال ہو الکلام حسنہ حسن و قبیحہ قبیحفالحسن منہ ما کان من المواعظ و الحکم و ذکر آلاء اللّٰہ تعالیٰ و نعماۂ و نعت الصالحین و صفۃ المتقین فسماعہ حلال و ما کان ذکر الاطلال و المنازل و الأزمان و الأمم فسماعہ مباح و ما کان بہجوٍ و سخفٍ فسماعہ حرام۔
یعنی جہاں تک قصائد واَشعار کا معاملہ ہے تو شعر کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے استفسارکیا گیا، (جواباً) آپ نے فرمایا: شعر بھی ایک طرح کا کلام ہے، اگر اچھے مضمون پر مشتمل ہو تو اچھا ہے، اور بری باتوں کا حامل ہو تو برا ہے۔ تواچھے اشعار وہ ہوتے ہیں جو عمدہ نصیحتوں، حکیمانہ باتوں، اللہ کی نعمتوں کے ذکراور صالحین ومتقین کی نعت وصفت پر مشتمل ہوں اور ان کا سننا جائزوحلال ہے۔ جن اشعار میں کھنڈرات و محلات، زمانوں اور اُمتوں کا بیان ہو اُن کا سننا مباح ہے۔ اور جو اشعار کسی کی ہجواور آبروسے کھیلنے والے ہوں توان کا سننا حرام ہے۔
الغرض جو قصائد اچھے مضمون کے ہوں ان کے پڑھنے اور سننے میں حصولِ ثواب کی اُمید ہے۔ اور صالحین کا ذکربے پناہ رحمتوں کے نزول کا سبب ہوتا ہے۔ بہ مصداق ’’تنزل الرحمۃ عند ذکر الصالحینیعنی جہاں صالحین کا ذکرہوتا ہے وہاں رحمتِ مولا جھوم جھوم کے برستی ہے، لہٰذا ان چیزوں کا اعتبار کرتے ہوئے ساداتِ رفاعیہ کی مجلس مذاکرہ بلاشبہہ جائز و درست ہے بلکہ حصولِ ثواب کی بھی امید ہے، کیوں کہ وہ لوگ اچھے قصیدوں کے علاوہ بیہودہ مضامین زبان پر بھی نہیں لاتے۔

رقص و وجد اِسلامی نقطہ نظر سے

سوالِ پنجم :
قصائد حسنہ سننے سے اہل دلوں میں شوق وذوق ومحبت الٰہی کے باعث وجدو رقص کی حالت پیدا ہو جاتی ہے، اور بعض اوقات کھڑے رہتے ہیں اور بعض اوقات بیٹھ جاتے ہیں۔ یہ حالت رقص وتواجد شرعاً درست وجائز ہے یا نہیں ؟۔
جوابِ پنجم :
حمدباری تعالیٰ، نعت مصطفیٰ یاوعظ ونصیحت یا بزرگانِ دین کی کرامت و توصیف سننے کے سبب وجد کی حالت پیدا ہو جائے اور اس حالتِ وجد واِستغراق اور کیفیتِ سرورو اِنبساط میں کھڑارہے یا بیٹھ جائے سب درست وجائز ہے، کیوں کہ ان قصیدوں کے مضامین میں غور و خوض کرنے سے محبت و شوقِ الٰہی کے باعث فرحت واِنبساط یا فقط خوش الحانی کے سننے سے دلوں پر کیفیتِ رقت طاری ہو کر وجد کی حالت اختیار کر لیتی ہے، پھر اس حالت میں بے انتہا مسرت و خوشی یا حسن مضامین میں محوہونے کے باعث وہ قابو سے باہر ہو جاتے ہیں اور پھر ان سے ایسی حرکات صادر ہوتی ہیں تو یہ از روئے شریعت درست وجائز ہے۔مشکوٰۃ شریف کے -باب بلوغ الصغیر- میں حضرت براء بن عازب سے مروی حدیث کے حاشیہ پر تحریر ہے :
و في الفائق قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم لزید ہٰذا حجل أی رقص من الفرح و احجل من یرفع رجلہ و یقفز أخری۔ والقفز الوثوب -کذا في لمعات شرح مشکوٰۃ-
یعنی فائق میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت زید سے فرمایا: یہ خوشی کا رقص ہے، اور رقص میں ہوتایہ ہے کہ انسان اپنا ایک پاؤں اُٹھا کر اچھلتا کودتا ہے۔
اور مسجد نبوی میں حبشیوں کا رقص،نیز بی بی فاطمہ کے عقد مبارک میں لوگوں کا وجد۔ علاوہ ازیں صحاح ستہ کی دوسری کئی احادیث سے یہ ثابت ہے، مگر اختصار مد نظر ہونے کے باعث ہم نے انھیں یہاں درج نہیں کیا۔
اس سے معلوم ہو گیا کہ وجد و رقص سے یہاں طوائف اور مخنثوں کا رقص مراد نہیں ہے بلکہ اس رقصِ مباح کا معنی ومراد یہ ہے کہ فرطِ انبساط سے متعلق متذکرہ بالا باتوں سے حالت وجد پیدا ہو اور اس عالم میں اس سے جو حرکات صادر ہوں انھیں رقص و تواجد کہتے ہیں، اوریہ حالت شرعاً جائز و درست ہے۔ لیکن اس میں طوائف اور مخنثوں کی مانند حد سے زیادتی نہیں ہونی چاہیے اور اس میں بناوٹ ومکاری وغیرہ کا کوئی دخل نہیں ہونا چاہیے۔کتاب’’محرر میں تحریر ہے :
و لا یحرم الرقص إلا أن یکون فیہ تکسیر کفعل المخنثین۔
یعنی رقص حرام نہیں جب تک کہ اس میں مخنثوں کی طرح توڑ پھوڑ کا عمل نہ ہونے لگے۔
منہاج کے- کتاب الشہادات- میں ہے :
و یجوز دُفٌ لعرسٍ و ختانٌ و کذا غیرُہما في الأصح و إن کان فیہ جلاجلُ و یحرُم ضربُ الکُوبۃ وہي طبل طویل ضیق الوسط، لا الرقصُ إلا أن یکون فیہ تکسُّر کفعل المخنِّث۔ (۱)
یعنی شادی بیاہ اور ختنہ کے موقع پر دف بجانا جائز ہے۔اور صحیح ترین مذہب کے مطابق اس کے علاوہ (اور مواقع پر)بھی دف بجانا جائز ہے خواہ اس میں گھونگھروہی کیوں نہ بندھے ہوں۔ ہاں بیچ سے تنگ لمبی ڈھول نما ڈگڈگی بجانا حرام ہے۔ جب کہ رقص کرنا(ایک خاص رنگ وآہنگ میں حرام ومکروہ نہیں )۔ ہاں ! اگراس میں مخنثوں کی طرح دیوانہ وار توڑپھوڑ کا عمل شروع ہو جائے توپھر یہ حرام ہو گا۔

شمشیر و گرز وغیرہ سے ضرب کرنے کا مسئلہ

سوالِ ششم :
طریقہ رفاعیہ میں جو گرزوشمشیر اور سیخ وغیرہ سے ضرب کرتے ہیں ایسے کام از روئے شرع درست وجائز ہیں یانہیں ؟۔
جوابِ ششم :
گرزوشمشیروغیرہ سے ضرب کرنا اگر شعبدہ بازی وتصنع اور تکلیف و ضرر سے خالی ہو توجائز ہے، کیوں کہ ایسے کاموں سے ممانعتتکلیف کا لحاظ کرتے ہوئے ہوتی ہے اور یہ قید شرطیہ ہے، لہٰذا قابل غور بات یہ ہے کہ جب وہ شرط- یعنی تکلیف جوباعثِ ممانعت تھی-باقی نہ رہی تو پھر اس فعل کی ممانعت کس طرح ہو سکے گی!۔ مثلاً آفتاب کے لیے تمازت و حرارت ایک لازمی اَمر ہے لیکن جب آفتاب ہی نہ ہو تو

(۱) المنہاج نووی: ۱/۴۹۷۔۔۔ تحفۃ المحتاج: ۴۳/۴۹۷۔۔۔ مغنی المحتاج الی معرفۃ الفاظ المنہاج: ۱۹/۳۵۰ ۔۔۔نہایۃ المحتاج:۲۸/۲۸۸۔۔۔ حاشیۃ الجمل: ۲۳/۲۷۵۔۔۔ حاشیۃ البحیرمی: ۱۶/۴۲۱۔
تمازت وحرارت کہاں رہے گی!۔یوں ہی جس شخص کو گرزو شمشیر وغیرہ سے تکلیف و نقصان نہ ہو تو اس شخص کے لیے ممانعت علی الخصوص باقی نہ رہی، جب کہ دوسروں کے لیے علی العموم بلحاظِ تکلیف باقی ہے۔ ایسے اُمور کی مثالیں فقہی کتابوں میں موجود ہیں۔ فتاویٰ خلیلی جلدثانی صفحہ ۱۹۰مطبوعہ مصر کے - باب الشہادۃ-میں ہے :
و ذکر النووي في فتاواہ ان الحادي إذا اصطاد الحیۃ لیرغب الناس في اعتماد معرفتہ وہو حاذق في صنعتہ و یسلم منہا في ظنہ و نسعتہ لم یأثم ۔
یعنی امام نووی نے اپنے فتاویٰ میں ذکرکیا ہے کہ اگر کوئی فنکار لوگوں کی ترغیب کی خاطر اپنی فنکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانپ کا شکار کرے اور وہ یہ سمجھے کہ وہ اپنے آپ کو سانپ کے نقصانات سے محفوظ بھی رکھ سکتا ہے توایسا عمل اس کے لیے باعث گناہ نہیں۔
یہ مثال یہاں بلا تکرار ثابت آتی ہے، کیوں کہ سانپ کا پکڑنا بھی ایذا رسانی کے لحاظ سے ممنوع ہے، لیکن جب کسی عمل وغیرہ کے باعث اسے یقین ہے کہ سانپ اس کو اِیذا نہ دے سکے گاگرچہ بعد میں اس نے کاٹ لیا اور ایذا پہنچادی تاہم پکڑنے والا گنہ گار نہ ہو گا۔
علیٰ ہذا القیاس جس شخص نے ان بزرگوں کا وسیلہ پکڑا اور ان کی کرامت پر یقین کیا پھر فرطِ ذوق و شوق اور غلبہ وجد کے سبب شمشیر و گرزوغیرہ سے ضرب کی تو یہ شرعاً مباح ہے۔اگرچہ بعد میں وہ ضرب اس پر اپنا اَثر دکھائے -جیساکہ اوپر گزرا-
یہ کرامت (دراصل) حضرت سلطان العارفین، غوث الواصلین، سیدنا احمد الکبیر الرفاعی -قدس سرہ العزیز- کی ہے جس کا فیض تاحال ان کی اولاداور ان کے توابعین ومتعلقین میں جاری ہے۔ اور کرامت کا تو معنی ہی یہی ہے کہ سخت اور دشوار کام بآسانی ہو جائے اور جو قرین قیاس نہ ہو وہ ظہور میں آ جائے۔
لہٰذا اَولیاے کرام کی کرامتوں کا اِنکار کرنے والا بدعقیدہ اور گمراہ ہے۔ فتاویٰ خلیلی جلداول صفحہ ۷۹مطبوعہ مصر میں کراماتِ اولیا کا (جوازو) جواب یوں تحریر ہے :
نعم ہي واقعۃ جائزۃ لہم نفعنا اللّٰہ بہم أحیائً و أموا تھاً بقصدٍ منہم أو بغیر قصدٍ یؤیدہم اللّٰہ تعالیٰ، لا ینکرہا إلا أحد رجلین إما سییء الاعتقاد کالمعتزلۃ و الزادلیۃ و إما کثیر المعاصي و الذنب و الغفلۃ فلا یشہدہا منہم فیؤدي ذلک علی إنکارہا و إذا تأملت الکتاب والسنۃ و ما نقل تواتراً معنویاً عن السلف و الخلف بل في کل عصر من الأعصار بل في کل یوم من الأیام إذ ما من یومٍ إلا و یقع فیہ کرامات لا تحصیٰ و لا تعد و لو جمعت لصارت تواتراً معنویا۔ ۔۔۔
یعنی ہاں ! اولیاے کرام سے ان کی زندگی میں اوربعد از وصال کرامتوں کا ظہور جائزو برحق ہے-اللہ کرے ہمیں بھی ان سے کچھ فائدہ پہنچے- کرامتوں کا وقوع کبھی ان کے قصد و اِرادہ سے ہوتا ہے اور کبھی یوں ہی بلا اِرادہ وقوع پذیر ہو جاتی ہیں، کیوں کہ انھیں (ہمہ وقت )تائید ایزدی حاصل ہوتی ہے۔ کرامتوں کا انکاری یاتوکوئی حرماں نصیب بدعقیدہ ہو سکتا ہے جیسے معتزلہ اور زادلیہ۔ یا کوئی پاپی و خطاکارکہ جس کی آنکھوں پر غفلت کی پٹی بندھ گئی ہو اور جس کے باعث وہ ان کا انکار کر رہا ہے۔ ورنہ اگر آپ کتاب و سنت میں غور وخوض کریں اور سلف وخلف بلکہ ہرزمانے اور ہر دن پر نگاہ کریں تو آپ پر واضح ہو جائے گاکہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جس میں بے شمار کرامتیں ظہور پذیر نہ ہوتی ہوں، اگر ان سب کو جمع کر دیا جائے توان میں معنوی تواتر کی شان پیدا ہو جائے گی۔

زخم وغیرہ پر لعابِ دہن لگانے کا حکم

سوالِ ہفتم :
متعلقین طریقہ رفاعیہ زخمِ شمشیروگرز وغیرہ یا کسی مریض کوجو لب (یعنی لعاب دہن) لگاتے ہیں اور دعا کرتے ہیں، یہ از روئے شرع شریف درست وجائز ہے یا نہیں، اور لب لگانا نیز دعا کرنامفید وسود مند ہو سکتا ہے یا نہیں ؟۔
جوابِ ہفتم :
کسی مریض کو یا زخم وغیرہ پر لعابِ دہن لگانا اور اس کے لیے دعا کرنا جائز ودرست ہے، نیزبزرگانِ صالحین کا لعابِ دہن لگانا برکت و سعادت کا باعث ہے۔ اس عمل کا جائز و مباح اور مفید ہونا صحیح حدیث سے ثابت ہے۔چنانچہ بخاری و مشکوٰۃ شریف میں آیا ہے کہ جنگ خیبر میں سیدنا علی -کرم اللہ وجہہ-لشکر اسلام سے پیچھے رہ گئے تھے،شب کو اِسلامی لشکرنے ایک مقام پرپڑاؤ کیا، تو اس وقت حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ کل میں جھنڈا اس شخص کے ہاتھ میں دوں گا جو اللہ ورسول کاپیارا ہے۔صبح ہوئی تو سارے لوگ جھنڈالینے کی غرض سے بارگاہِ نبوت میں حاضر ہوئے۔ آپ نے ارشاد فرمایا:علی بن ابی طالب کہاں ہیں ؟۔ صحابہ نے عرض کیاکہ یارسول اللہ! ان کی آنکھیں درد کرتی ہیں، آپ نے ان کو بلوایا،ان کی آنکھوں میں اپنا لعابِ دہن لگایا اوردعاکی، بحکم خداوندی انھیں فوراً صحت و شفایابی نصیب ہو گئی، اور پھر پوری زندگی کبھی انھیں دردِ چشم کی شکایت نہ رہی۔پھر آپ نے جھنڈا ان کے حوالے کر دیا۔۔۔۔(یہ حدیث شریف نویں سوال کے جواب میں تفصیل سے بیان کی جائے گی -ان شاء اللہ-)

بزرگوں کو لفظ ’یَا‘ سے ندا کرنا کیسا؟۔

سوالِ ہشتم :
بزرگانِ دین کو بلفظ ’یا ندا کرنامثلاً المدد یا شیخ عبد القادر۔ المدد یا سیدنا احمد الکبیر الرفاعی۔ وغیرہما، نیز اولیاے کرام سے توسل پکڑنا درست ہے یا نہیں ؟۔
جوابِ ہشتم :
المدد یا شیخ عبد القادر، المدد یا سید احمد الکبیر الرفاعی وغیرہ الفاظِ ندائیہ کہنا اور (اس طرح انھیں ) ندا کرنا جائز و درست ہے۔اگرچہ بعض علما نے اس میں بحث کیا ہے، تاہم ان ساری بحثوں کے بعد صحیح تر قول یہی ہے کہ ایسا کہناجائز ہے۔ چنانچہ فتاویٰ خلیلی جلددوم صفحہ ۲۶۳مطبوعہ مصر میں ہے :
و أما قولہم یا شیخ عبد القادر فہو نداء و إذا أضیف إلیہ شیئا للّٰہ فہو طلب شیئٍ إکراما للّٰہ تعالیٰ فما الموجب لحرمۃ ذلک۔
یعنی یاشیخ عبدالقادرکہنایہ ایک طرح کی نداہے۔اور اگر اس کے ساتھ شیئاً للہ کا اضافہ کر دیا جائے تویہ عظمت الٰہی کا خیال کرتے ہوئے کسی چیزکی طلب کرنا ہوا۔ تو اب ایسا کرنا حرام کہاں سے ہو گیا!۔
مشکوۃ شریف کے-باب زیارۃِ القبور- میں حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے یہ حدیث مروی ہے وہ فرماتے ہیں :
مر النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم بقبور بالمدینۃ فأقبل علیہم بوجہہ فقال : السلام علیکم یا أہل القبور یغفر اللّٰہ لنا ولکم أنتم سلفنا و نحن بالأثر -رواہ الترمذی-(۱)
یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا جب مدینہ کی قبرستان سے گزر ہوا تو آپ نے اپنا رخِ انور قبروں کی طرف کر کے فرمایا:اے قبروالو! تم پر سلامتی ہو، اللہ ہمیں اور تمہیں اپنی مغفرت عطافرمائے، تم ہم سے پہلے چلے گئے اور ہم بس تمہارے پیچھے آیاچاہتے ہیں۔
اور مسلم شریف کے -باب عرض مقعد ا لمیت من الجنۃ والنار علیہ-میں ہے :
عن أنسِ بنِ مالِک أن رسول اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ترک قتلی بدرٍ ثلاثا ثم أتاہم فقام علیہِم فناداہم فقال یا أبا جہلِ بن ہِشام، یا أمیۃ بن خلف، یا عتبۃ بن ربِیعۃ، یا شیبۃ بن ربِیعۃ أ لیس قد وجدتم ما وعد ربکم حقا فِإنيِ قد وجدت ما وعدنِي ربِي حقا فسمع عمر قول النبِيِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فقال یا رسول اللّٰہِ کیف یسمعوا و أنی یجِیبوا وقد جیفوا قال والذِي نفسِي بِیدِہِ ما أنتم بِأسمع لِما أقول مِنہم ولکنہم لا یقدِرون أن یجِیبوا، ثم أمر بِہِم فسحِبوا فألقوا فِي قلِیبِ بدر . -رواہ مسلم-(۱)

(۱) سنن ترمذی:۳/۳۶۹ حدیث:۱۰۵۳ ۔۔۔ مشکوٰۃ المصابیح: ۱/۳۹۷حدیث: ۱۷۶۵۔۔۔ ریاض الصالحین:۱/۳۴۸ حدیث:۴۔۔۔ کنز العمال: ۱۵/۶۴۷ حدیث: ۴۲۵۶۱۔۔۔ معجم الکبیر طبرانی: ۱۰/۲۵۴ حدیث:۱۲۴۴۷۔۔۔ جامع الاحادیث: ۱۳/۳۸۰ حدیث: ۱۳۳۴۵۔۔۔ جمع الجوامع: ۱/۱۳۱۲۴حدیث: ۴۶۔۔۔ مسند جامع:۱۹/۲۴۹ حدیث: ۶۱۷۳۔۔۔ روضۃ المحدثین: ۷/۴۸۱ حدیث: ۳۲۵۶۔
یعنی حضرت انس بن مالک سے مروی کہ میدانِ بدر میں تین دن سے پڑے رہے کافرمقتولین کے پاس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے گئے اور پھر پکار پکار کرفرمانے لگے:اے ابوجہل بن ہشام!اے اُمیہ بن خلف! اے عتبہ بن ربیعہ! اے شیبہ بن ربیعہ!کیا تم نے اپنے رب کے کیے ہوئے وعدہ کو پورا ہوتا ہوا دیکھ لیا؟۔میں نے تواپنے پروردگار کے وعدہ کوبالکل برحق پایا(اور اسے پورا ہوتے ہوئے دیکھ بھی لیا)۔حضرت عمر فاروق نے جب سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کو سنا توکہنے لگے:اے اللہ کے رسول !یہ لوگ کیوں کر سن سکتے ہیں اور (اگر سن بھی لیں تو) بھلا جواب کیسے دے سکتے ہیں وہ تواب بدبودار جثہ ہو چکے ہیں۔ آپ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے جو باتیں میں نے ان سے کی ہیں تم سے کہیں بہتر طور پر ان لوگوں نے سن لیا ہے لیکن انھیں جواب دینے کی طاقت و قدرت نہیں۔ پھر آپ کے حکم پر انھیں گھسیٹ کر بدر کے کنویں میں ڈال دیا گیا۔
ان حدیثوں سے واضح ہے کہ لفظ’’یا کے ذریعہ اولیاو صالحین کو پکارنا بدرجہ اولیٰ جائزو درست ہے۔ (مقام غور ہے کہ ) جب حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے کفار و مشرکین کو لفظ ’یا کے ذریعہ ندا فرمائی ہے تو بڑے تعجب کی بات ہو گی کہ اولیاو صالحین کو ’’یا کے ذریعہ ندا کرنے سے انکار کیاجائے۔ ع:
بریں عقل و دانش بباید گریست
(ایسی عقل ودانش پر تو روناچاہیے)

(۱) صحیح مسلم: ۱۸/۲۵۶حدیث: ۷۴۰۳۔۔۔صحیح ابن حبان:۲۷/۲۸حدیث:۶۶۰۶۔۔۔ مسند ابی یعلی الموصلی:۷/۳۵۱ حدیث:۳۲۳۷۔۔۔ مسند احمد بن حنبل:۲۹/۴۶۱حدیث:۱۴۴۲۸۔۔۔ مسند جامع: ۴/۲۰۹حدیث:۱۲۶۲۔۔۔ تحفۃ الاشراف:۳/۱۰۲حدیث:۳۷۲۔

توسل کی شرعی حیثیت
مندرجہ ذیل آیت کریمہ کی روشنی میں انبیاو اَولیا اور بزرگانِ دین سے توسل پکڑنا اُن کی حیات و وفات ہر حالت میں جائزودرست ہے۔ارشادباری تعالیٰ ہے :
یٰاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ وَ ابْتَغُوا اِلَیْہِ الوَسِیْلَۃَ۔ ۔۔۔۔o (سورۂ مائدہ: ۵/۳۵)
اے ایمان والو!اللہ سے ڈرتے رہو اور اس (کے حضور)تک (تقرب اور رسائی کا) وسیلہ تلاش کرو۔۔۔۔
اس کا خلاصہ فقہ کی کتابوں میں موجود ہے اور توسل سے انکار کرنا محرومی وبے نصیبی ہے-نعوذ باللہ من ذلک-
فتاویٰ خلیلی جلددوم صفحہ ۲۵۹میں ہے :
و أما التوسل بالأنبیاء و الأولیاء و العلماء فقد نص أئمتنا انہ یجوز التوسل بأہل الخیر و الصلاح سوائً کانوا أحیاء أم أموا تھاً و لا ینکر ذٰلک إلا من ابتلی بالحرمان و سوء العقیدۃ -نعوذ باللّٰہ من المنکر و سیرتہ-
یعنی جہاں تک انبیاو مرسلین، اولیاوصالحین اور علمائے دین سے توسل پکڑنے کا تعلق ہے تو ائمہ کرام نے تصریح فرمائی ہے کہ جوبھی اہل خیرو صلاح اور متقی وپرہیزگار ہو اس سے توسل پکڑنا جائزو درست ہے، خواہ وہ زندہ ہو یاپردہ فرما چکا ہو۔اور اس کا انکاری کوئی حرماں نصیب اوربدعقیدہ ہی ہو سکتا ہے-اللہ ہمیں ایسے انکاریوں اور ان کی خصلت وسیرت سے اپنی پناہ میں رکھے-

جھنڈا بنانا اوراسے شہروں میں پھرانا کیسا؟۔

سوالِ نہم :
نشان بنانا،رکھنا، اور بروزِ عیدین و اَعراس بزرگانِ دین یا کسی دینی کاج کی خوشی کے وقت مسلمانوں کی جماعت کے ہمراہ دف کے ساتھ شہر میں ان نشانوں کا پھرانا درست ہے یا نہیں ؟۔
جوابِ نہم :
عَلَم یعنی نشان (یاجھنڈا )بنانا، اس کارکھنا اور بروزِ عیدین نیزبزرگانِ دین کے اَعراس وغیرہ کے موقع پر اس کا پھراناجائز و درست ہے۔ حضور سید عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک زمانے میں بھی نشان (جھنڈے) موجود تھے، نیز آپ کے روبرو اکثراوقات نشان چلے ہیں۔ بے شمار احادیث صحیحہ سے یہ اَمر ثابت ہے، لہٰذا علمائے دین اور فقہاے مجتہدین نے فقہ کی کتابوں میں ان صحیح الاسناد حدیثوں کو دلیل بنا کر نشان کے جائز ہونے کا فتویٰ صادر کیا ہے۔چنانچہ تنویر الابصار کی شرح درالمختار اور ’السراج میں السیرالکبیر کے حوالے سے ہے :
العَلَم حلال مطلقاً صغیرا کان أو کبیرا۔ ۔۔ و ما یعقد علی الرمح فانہ حلال و لو کبیرا لأنہ لیس بلبس۔ (۱)
یعنی جھنڈا(نشان) مطلقاً جائز و حلال ہے خواہ چھوٹا ہو یا بڑا۔ اور جو نیزے کے اوپر لگایاجاتا ہے وہ جھنڈا بھی جائز ہے خواہ بڑا ہی کیوں نہ ہو، کیوں کہ وہ پہناوے کے لیے نہیں ہوتا۔

(۱) درمختار:۵/۶۶۹۔
امام ابوعیسیٰ نے جامع ترمذی کے -باب اللواء والرایۃ-میں چنداحادیث صحیحہ درج کی ہیں نیزکتاب ’’البدایہ و النہایہمیں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے کا نام ’عقاب تھا۔الفاظ یہ ہیں :
و کان اسم رأیۃ النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم العُقاب۔ (۱)
مشکوٰۃ شریف کے -باب اِعداد آلۃ الجہاد- میں ہے :
عن بن عباس قال : کانت رأیۃ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سوداء و لواء ہ أبیض۔-رواہ الترمذي وابن ماجۃ-(۲)
یعنی حضرت عبداللہ بن عباس سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عَلَم کا رنگ سیاہ اور جھنڈے کارنگ سفید تھا۔
اور غزوۂ بنی قینقاع کے حوالے سے لکھا ہے :
و کان اللواء بید الحمزۃ بن عبد المطلب و کان أبیض فقذف اللّٰہ في قلوبہم الرعب۔ (۳)
یعنی (اس دن) جھنڈا حمزہ بن عبد المطلب کے ہاتھ میں تھاجس کا رنگ سفید تھا تو اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں رعب ڈال دیا۔

(۱) البدایۃ والنہایۃ: ۴/۲۹۳۔۔۔ مختصر تاریخ دمشق:۱/۲۸۰ ۔۔۔ الروض الانف: ۴/۱۴۰۔
(۲) سنن ترمذی:۶/۴۵۳حدیث:۱۷۸۲۔۔۔ سنن ابن ماجہ:۸/۴۵۳حدیث:۲۹۲۵۔۔۔ شرح السنۃ بغوی:۵/۳۱۲۔۔۔ مشکوٰۃ المصابیح:۲/۳۸۳حدیث:۳۸۸۷۔۔۔معجم کبیر طبرانی:۱۰/۳۵۹حدیث: ۱۲۷۳۶۔۔۔ مسند ابی یعلی موصلی: ۵/۴۲۵ حدیث: ۲۳۱۶۔۔۔ سنن بیہقی: ۲/۱۸۳حدیث: ۱۳۴۴۲۔
’رایۃ اور’ لوا دونوں کے معنی جھنڈہ ہی کے ہیں۔ مرقاۃ اور شرح مسلم وغیرہ میں دونوں کے درمیان فرق یوں کیا گیا ہے کہ رایۃ چھوٹے جھنڈے کو کہتے ہیں اور لوا بڑے جھنڈے کو۔ اور لوا کو لوا اس لیے کہتے ہیں کہ بڑے ہونے کی وجہ سے اسے موڑ کر رکھ دیا جاتا ہے اور پھر ضرورت ہی کے وقت اسے کھولا جاتا ہے۔واللہ اعلم- -چریاکوٹی-
(۳) اسی سے ملتی جلتی کچھ روایتیں ان کتابوں میں موجودہیں : عیون الاثر:۱/۳۰۰۔۔۔ زاد المعاد: ۳/۱۶۴ ۔۔۔ سبل الہدیٰ و الرشاد فی سیرۃ خیر العباد: ۴/۱۸۰۔
اور جنگ خیبر کے بیان میں آتا ہے :
و قال المغلطائی وغیرہ : و فرق علیہ السلام الرأیات و لم تکن الرأیات إلا بخیبر و إنما کانت الألویۃ۔ وقال الدمیاطي: و کان رأیۃ النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم سوداء من برد لعائشۃ۔ (۱)
یعنی مغلطائی وغیرہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ نے مختلف جھنڈے استعمال فرمائے۔ صرف جنگ خیبرمیں چھوٹے جھنڈے نہیں تھے بلکہ اس میں بڑے بڑے جھنڈے استعمال ہوئے۔ دمیاطی نے کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا جھنڈا سیاہ تھا جوحضرت عائشہ کی چادرمبارک سے تیارکیا گیا تھا۔
صحیح بخاری میں ہے :
کان علِي رضي اللّٰہ عنہ تخلف عنِ النبِيِصلی اللّٰہ علیہ وسلم فِي خیبر، و کان رمِدا فقال أنا أتخلف عنِ النبِيِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فلحِق، فلما بِتنا اللیلۃ التِي فتِحت قال لأعطِین الرایۃ غدا أو لیأخذن الرایۃ غدا رجل یحِبہ اللّٰہ و رسولہ، یفتح علیہِ فنحن نرجوہا فقِیل ہذا علِي، فأعطاہ ففتِح علیہِ۔ (۲)
یعنی حضرت علی رضی اللہ عنہ خیبر کے دن آشوبِ چشم کی وجہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پیچھے رہ گئے تھے۔ آپ (بروجہ تأسف کہتے کہ ہائے) میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بچھڑ گیا، پھر آپ ان سے جاملے۔ (راوی کہتے ہیں کہ قلعہ ) فتح ہونے کی رات جب ہم سوئے تو سرکار اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:کل میں پرچم ایسے شخص کے ہاتھ میں دوں گا یاکل پرچم ایک ایسا شخص اٹھائے گا جو اللہ

(۱) سبل الہدیٰ والرشاد فی سیرۃ خیر العباد: ۵/۱۲۰۔۔۔ المنتظم:۱/۳۷۲۔
(۲) صحیح بخاری:۱۴/۱۰۴حدیث:۴۲۰۹۔۔۔ صحیح مسلم:۱۶/۲۳ حدیث:۶۳۷۷۔۔۔سنن کبریٰ:۶/۳۶۲۔
ورسول کامحبوب ہو گا، اور اسی کے ہاتھوں فتح نصیب ہو گی۔ توہم میں سے ہر کوئی یہ امیدلیے ہوئے تھامگرحضورنے فرمایاکہ یہ پرچم علی اُٹھائے گا، چنانچہ آپ نے انھیں پرچم عطا کر دیا اور انھیں کے ہاتھوں (قلعہ خیبر )فتح ہو گیا۔
اور صحیحین و مشکوٰۃ وغیرہ میں یہ حدیث کچھ اضافے کے ساتھ یوں آئی ہے :
عن سہل بن سعد أن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال یوم خیبر : لأعطین ہذہ الرایۃ غدا رجلا یفتح اللّٰہ علی یدیہ یحب اللّٰہ ورسولہ و یحبہ اللّٰہ و رسولہ، فلما أصبح الناس غدوا علی رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کلہم یرجو أن یعطاہا فقال : أین علی بن أبی طالب؟ فقالوا : ہو یا رسول اللّٰہ یشتکی عینیہ، قال : فأرسلوا إلیہ، فأتی بہ فبصق رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فی عینیہ فبرأ حتی کأن لم یکن بہ وجع فأعطاہ الرایۃ۔ ۔۔۔۔(۱)
یعنی حضرت سہل بن سعد سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبرکے دن فرمایاکہ کل میں یہ پرچم ایسے شخص کے ہاتھ میں دوں گا جو اللہ ورسول کامحب بھی ہو گا اورمحبوب بھی۔ چنانچہ صبح ہوتے ہی لوگ پرچم پانے کی آرزو لے کر بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوئے۔ سرکاراقدس علیہ السلام نے پوچھا: علی بن

(۱) صحیح بخاری:۱۴/۱۰۵حدیث:۴۲۱۰۔۔۔ صحیح مسلم:۱۶/۲۲ حدیث:۶۳۷۶۔۔۔ سنن ترمذی:۱۳/۳۳۱ حدیث: ۴۰۹۰۔۔۔ مشکوٰۃ المصابیح:۳/۳۲۷حدیث:۶۰۸۰۔۔۔مسند احمد:۴/۱۳۹حدیث: ۱۶۳۰ ۔۔۔سنن کبریٰ بیہقی:۹/۱۳۱۔۔۔سنن کبریٰ نسائی:۵/۱۱۰۔۔۔ معجم کبیر طبرانی:۵/۳۹۸حدیث: ۵۵۹۸ ۔۔۔دلائل النبوۃ بیہقی:۴/۲۸۳ حدیث: ۱۵۴۷۔۔۔ مسند ابویعلی موصلی: ۱/۳۴۲حدیث: ۳۳۸۔۔۔ صحیح ابن حبان:۲۸/۴۱۲حدیث:۷۰۶۱۔۔۔مسند ابن ابی شیبہ: ۱/۵۳۸ حدیث:۱۱۴۔۔۔ شرح السنۃ: ۷/۱۰۹۔۔۔ مسندبزار:۳/۳۲۴ حدیث: ۱۱۲۰۔۔۔ مصنف ابن ابی شیبہ:۶/۳۷۰حدیث: ۳۲۱۰۰۔۔۔ مصنف عبد الرزاق: ۱۱/۲۲۸ حدیث: ۲۰۳۹۵۔
ابوطالب کہاں ہیں ؟۔ لوگوں نے کہا: یارسول اللہ! ان کی آنکھوں میں کچھ شکایت ہے۔ چنانچہ انھیں قاصدبھیج کر بلوایا گیا۔سرکار نے اپنا لعابِ دہن ان کی آنکھوں میں لگادیاتوان کو فوراً شفامل گئی اور ایسی کہ جیسے کبھی انھیں کچھ ہوا ہی نہ تھا۔ پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پرچم اُن کے حوالے کر دیا۔۔۔۔۔۔
اس حدیث کے مضمون سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ مشائخ و صالحین کا کسی مریض کو یا زخم وغیرہ پر لب(یعنی لعابِ دہن) لگانا جائز و درست ہے۔ نافہم اور تعصب رکھنے والے منکرین کو خوابِ غفلت سے بیدار کرنے کے لیے یہ دلیل کافی ہے۔
الغرض فقہی روایتوں اور صحیح حدیثوں سے صراحتاً واضح ہو گیا کہ عَلَم (یعنی پرچم و نشان) بنانا، اس کا رکھنا، اور دف کے ساتھ قصائدواشعار پڑھتے ہوئے اس کا پھرانا جائز ودرست ہے۔
دف کے ساتھ اشعار و قصائد پڑھنے کے جوابات گزشتہ سطروں میں دیے جاچکے ہیں۔ یوں ہی پرچم و نشان کے اِباحت و جواز میں بھی مطلقاً کوئی کلام نہیں۔ اور دوجائز چیزوں کو جمع کر دینے میں کوئی قباحت نہیں، لہٰذا بروزِ عیدین، بزرگانِ دین کے اَعراس اور دینی خوشی کے موقع پر نشانوں کا پھرانا جائز و درست ہے۔
اس کے مستحسن ہونے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ اَمر جہاں زیادہ تراہل اسلام کی فرحت وبہجت پر دلالت کرتا ہے وہیں اس سے اسلام اور اہل اسلام کی شوکت وسطوت کا بھی اظہار ہوتا ہے، پھر آخروہ کون سی شرعی قباحت اس میں آگئی جس نے اسے ناجائز کر دیا!۔
جمعہ وعیدین کے دن حرمین شریفین -زادہما شرفاً وتعظیماً- میں دو نشان (جھنڈے) منبر کے دونوں بازو پر لا کر کھڑے کر دیے جاتے ہیں۔ اور مکہ معظمہ میں تاحال ہر ماہ خلفاے راشدین کی تاریخ وفات کے مطابق اُن کے عرس کے دن دف بجا کر نشان نکالے جاتے ہیں۔
فقہ کی کتابوں سے ثابت ہے کہ نشان چھوٹاہو یا بڑا از روے شریعت حلال ہے اوردائرہ بجاتے ہوئے یا بلادائرہ کے دونوں حالتوں میں اس کا شہر میں پھراناجائز ودرست ہے۔ہاں !لہوولعب سے احتیاط برتنا اشدضروری ہے۔

بزرگوں کے استقبال کے لیے شہرسے باہر جاناکیسا؟۔

سوالِ دہم :
مشائخین صالحین کے استقبال کے لیے مسلمانوں کا شہر سے باہر جانا اور مع نشان ودفوف نوازی با اعزازواکرام لے آناشرعاً درست وجائز ہے یا نہیں ؟۔
جوابِ دہم :
مسلمانوں کا نشان و دف کے ساتھ مشائخین صالحین کے استقبال کے لیے جانا جائز ودرست ہے۔اور اس کا جائز و مباح ہونا حدیث سے ثابت ہے کہ حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم جب فتح کے روز مکہ معظمہ میں داخل ہوئے تو آپ کے ہمراہ سفید نشان (پرچم) تھا۔ چنانچہ جامع ترمذی میں ہے :
و عن جابر بن عبد اللّٰہ أن النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم دخل مکۃ یوم الفتح و لواء ہ أبیض۔ (۱)
یعنی حضرت جابر بن عبد اللہ کہتے ہیں کہ فتح مکہ کے دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ میں داخل ہوئے توآپ کے پرچم کا رنگ سفید تھا۔
نیز (سنن ابن ماجہ) میں ہے :

(۱) سنن ترمذی: ۶/۴۵۰ حدیث: ۱۷۸۰۔۔۔ سنن کبریٰ نسائی: ۲/۳۸۲ حدیث: ۳۸۴۸۔
و عن حارث بن الحسان قدمت المدینۃ فرأیت رسول اللّٰہ صلی اللہ علیہ وسلم علی المنبر و بلال قائم بین یدیہ مستقلد سیفا و إذا رأیۃ سوداء فقلت من ہٰذا فقال ہٰذا عمرو بن العاص قدم من غزاۃ۔ (۱)
یعنی حضرت حارث بن حسان کہتے ہیں کہ ایک بارجب میں مدینہ پہنچا تو کیا دیکھتاہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تشریف فرماہیں اور حضرت بلال آپ کے سامنے تلوار کھینچے کھڑے ہیں، اتنے میں ایک کالا پرچم نظر آیا۔ میں نے پوچھایہ کون ہے؟ توآپ نے فرمایا: یہ عمروبن العاص ہے جوایک جنگ سے واپس آیا ہے۔
(ہجرت کے موقع پر) حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم جب مدینہ منورہ پہنچے تو لوگ آپ کے روبرو دف بجاتے اور اشعار پڑھتے ہوئے چل رہے تھے، ان میں سے ایک شعر ذیل میں درج ہے۔ امام محمد غزالی نے کیمیائے سعادت کے -باب آداب السماع- میں اسے (بڑے اچھے اندازمیں ) تحریر فرمایا ہے :
آنکہ دردل شادی داشتہ باشد و خواہد کہ آں را زیادہ کند بسماع ایں نیز مباح بود چوں شادی بخورمی باشد روابود بآں شاد شوند۔ چنانچہ در عروسی و ولیمہ و عقیقہ و وقت آمد فرزند ووقت ختنہ کردن و باز آمدن از سفر چنانچہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کہ بمدینہ رسید از پیش وے بہ بازی شدند و ایں اشعار می گفتند۔

(۱) سنن ابن ماجہ: ۸/۴۵۱حدیث: ۲۹۲۳۔۔۔ مسند احمد: ۳۴/۱۱۳ حدیث: ۱۶۳۷۳۔۔۔ الآحاد والمثانی لابن ابی عاصم: ۵/۳۲حدیث: ۱۴۷۹۔۔۔ معجم کبیر طبرانی: ۳/۴۱۲حدیث: ۳۲۵۳۔۔۔ مسند ابن ابی شیبہ: ۱/۷۷۰ حدیث: ۶۵۸۔
طلع البدر علینا من ثنیات الوداع
وجب الشُّکر علینا ما دعی للّٰہ داع
یعنی جس شخص کے دل میں فرحت ومسرت کا احساس موجودہو اور وہ اس احساس کو اسے سن کر دوآتشہ کرناچاہتا ہے تو اس کے لیے ایسا کرنامباح ہے۔ جیسے خوشی کے موقع پر (چراغاں کرنا اور) خوشبوئیں سلگانا صرف اس لیے درست ہے کہ اس سے اس کی خوشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ بس اسی وجہ سے شادی بیاہ، ولیمہ، عقیقہ، بچے کی پیدائش کے وقت،ختنہ کی تقریب میں اور سفر سے واپسی کے موقع پر(بھی ایسا کرنا جائز و درست ہے)۔ چنانچہ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم جس وقت ہجرت کر کے مدینہ منورہ پہنچے تو آپ کے آگے آگے خوشیوں کا ایک ہجوم چلا جارہا تھا اور (خوشی کے عالم میں دف کے ساتھ وہ) یہ اشعار پڑھ رہے تھے :
’وداع کی گھاٹیوں سے ہم پر چودھویں کا چاندطلوع ہو گیا۔دعوت الی اللہ کا کام جب تک ہوتارہے گا اس عظیم نعمت کاشکرایہ اَدا کرناہم پرقرض رہے گا۔

واقعہ حضرت بریدہ اسلمی کے ایمان کا
’مدارج النبوۃ جلد دوم کے صفحہ ۸۸ پر ہے :
دیگر واقعہ اَبوبریدہ اَسلمی است کہ ابو سلیمان خطابی آوردہ است کہ چوں سرورِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم بشرفِ مدینہ مشرف شد و بقرب و نواحی آن رسید بریدہ اسلمی باہفتاد نفراز قوم خود باشارت کفار قریش کہ در گرفتن سید رسل صلوات اللہ و سلامہ علیہ بر آمدہ بود۔ آنحضرت فرمودند توچہ کسے وچہ نام داری گفت نام من بریدہ است۔ آنحضرت بطریق تفاؤل کہ عادت شریف برآن جاری بود از مادۂ اشتقاقِ آن کہ برودت است و مبنی است از سلامت و سکون وجمعیت بابوبکر فرمودند قد برد امرنا وصلح۔یعنی خوشی و خنکی شد کار مارا کہ آخر روے بصلاحیت دارد۔ باز فرمودند کدام قبیلہ؟ گفت از بنی اسلم فرمود سلمنا خیرو سلامت است۔ فرمود از کدام بنی اسلم؟ گفت بنی سہم فرمود أصبت سہمک یافتی سہم خود یعنی نصیب وحصہ خود از اسلام۔ و بعد ازاں بریدہ از آنحضرت پرسید تو چہ کسے فرمود منم محمد بن عبد اللہ رسول اللہ بریدہ بمجرد شنیدن نام آنحضرت ایمان آورد وگفت أشہد أن لا إلٰہ إلا اللّٰہ و أشہد أن محمدا عبدہ ورسولہ وجماعت کہ باوی بودند نیزبشرف اسلام مشرف شدند۔ بریدہ عرض کرد یا رسول اللہ باید کہ در وقت در آمدن در مدینہ لواے ہا تو باشد پس بریدہ عمامہ خود را از سر بر آوردوبہ نیزہ بہ بست و پیش پیش روان شد۔(۱)
یعنی (اس سلسلہ میں ) دوسرا واقعہ حضرت ابوبریدہ اسلمی کا ہے جسے ابوسلیمان خطابی نے بیان کیا ہے کہ ہجرت کے موقع پر جب سرکارِ دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ منورہ کے قریب پہنچ گئیتو اس بیچ بریدہ اسلمی اُن ستر نوجوانوں کے ساتھ اچانک آپ کے سامنے آگئے، جنھیں کفارِ قریش نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو گرفتار کرنے کے لیے بھیجاتا۔

(۱) اس واقعہ کے اصل مصادرعربیہ یہ ہیں : دلائل النبوۃ: ۲/۲۲۱۔۔۔اخلاق النبی لابی الشیخ الاصبہانی: ۲/ ۳۴۰حدیث: ۷۳۸۔۔۔ سبل الہدیٰ والرشاد: ۳/۲۵۲۔۔۔ الانوار فی شمائل النبی المختار: ۱/۳۷۷۔۔۔ اسد الغابۃ: ۱/۱۱۰۔۔۔ المنتظم: ۱/ ۲۸۰ ۔۔۔ مختصر تاریخ دمشق: ۲/۱۷۴۔۔۔ تاریخ الاسلام ذہبی: ۱/۹۴۔۔۔ خلاصۃ الوفاباخبار دار المصطفیٰ: ۱/۸۹۔
سرکار نے پوچھا: تم کون ہو اور تمہارا نام کیا ہے؟۔
کہا: میرانام بریدہ ہے۔حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی عادتِ مبارکہ کے مطابق ان کے نام کی فال نکالتے ہوئے فرمایاکہ بریدہ تو برودت سے نکلا ہے جس کے اندر سکون وسلامتی کا عنصر موجود ہے۔ یہ سن کر حضرت اَبوبکر کے ساتھ سارے لوگ بول اُٹھے: پھرتوہمارا معاملہ ٹھنڈا ہو گیا اور بات بن گئی۔ پھر آپ نے پوچھا: کس قبیلے سے تمہارا تعلق ہے؟۔
کہا: بنی اسلم سے ہوں۔ فرمایا: پھرتو سارے اُمور خیروعافیت سے انجام پذیر ہو جائیں گے۔پوچھا کہ بنی اسلم کی اصل کیا ہے؟ کہا:یہ قبیلہ بنی سہم کی ایک شاخ ہے۔ فرمایا:پھر توتم نے اسلام سے اپنا حصہ پالیا۔اس کے بعد بریدہ نے پوچھا کہ یہ بتائیں آپ کون ہیں ؟۔ فرمایا: میں محمد بن عبد اللہاللہ کا رسول ہوں۔ آپ کا نام نامی سننا تھا کہ حضرت بریدہ فوراً مسلمان ہو گئے اور کلمہ شہادت ’أشہد أن لا إلٰہ إلا اللّٰہ و أشہد أن محمدا عبدہ ورسولہ پڑھ لیا، اور آپ کے ساتھ جو لوگ تھے وہ بھی مشرف باسلام ہو گئے۔بریدہ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول ! مدینہ کے اَندر داخل ہوتے وقت اگر آپ کے ساتھ کوئی جھنڈا یا نشان ہوتا توکیا بات تھی! (اس سے معلوم ہوتاکہ کائنات کی کوئی عظیم ہستی چلی آرہی ہے)۔ چنانچہ (اِجازت پا کر) حضرت بریدہ نے اپنے عمامہ کو سر سے اُتارکر اپنے نیزے پر باندھ لیا اور(جھنڈا لیے ) آگے آگے چلنے لگے۔
حاصل کلام یہ کہ مشائخین صالحین کے اِستقبال کے لیے دَف کے ساتھ پرچم لے جانا مذکورہ بالا صحیح اَحادیث اور معتبر روایات کی روشنی میں جائز و درست ہے۔ اِختصارکے پیش نظر زیادہ دلیلیں درج نہیں کی گئیں۔
مخفی نہ رہے مشائخ وصالحین اور پیروانِ شرع مبین کی تعظیم و توقیر کرنا ہر مومن کے لیے ایک اَمر ضروری ہے۔ بالخصوص مرید کو اپنے مرشد کی تعظیم و تکریم بجالانا لازمی ہے۔ متقدمین مشائخ کرام کی تصنیفات مثلاً ملفوظات سیدنا احمد الکبیر الرفاعی، آداب المریدین، غنیۃ الطالبین اور قول الجمیل وغیرہ کتابوں میں تفصیل سے یہ سارے اَحوال موجود ہیں۔
تمام مشائخین کاملین نے اپنے اپنے سلسلہ کے لیے جداگانہ رنگ ووضع کا نشان (پرچم) مقررکیا ہے۔جس پر وہ خود عمل پیرا رہے اور ان کے توابعین ومتعلقین بھی، اور تاحال (یہ سلسلہ زریں ) یوں ہی جاری ہے۔ مگر کچھ لوگ غلبۂ نفسانیت کے باعث دوسرے طریقہ کے نشان وسلسلہ وغیرہ کو بغیر اِجازت و خلافت اپنے عمل میں لاتے ہیں جو کہ سراسر بزرگانِ سلف کے طریق کے خلاف اور غلط محض ہے، وجہ اس کی یہ ہے کہ بے اِجازت شخص بے فیض ہوتا ہے۔ اور ہر طریقے کی جو غرض و علامت مقرر ہے اس سے وہ باقی نہیں رہ پاتی، کیوں کہ جن مشائخ یا جماعت کے ہمراہ جس رنگ یا جس وضع کا نشان ہو تا ہے تو اس سے فوراً بغیر دریافت کیے معلوم ہو جاتا ہے کہ یہ فلاں سلسلے سے (متعلق)ہیں۔
بزرگوں نے یہ طریقہ کتنا عمدہ مقرر فرمایا ہے-خداوند قدوس ہمیں اس کی پابندی کی توفیق عطا فرمائے- تاکہ شکوک و وسواس پیدا کرنے والی ساری چیزیں لوگوں کے دلوں سے دور ہو جائیں اور اہل صدق و وفا دھوکا نہ کھائیں۔ آمین ثم آمین۔اس اجمال کی تفصیل مشائخ کرام کی کتابوں میں موجود ہے اوریہ بڑی مشہور بات ہے جسے بتانے کی کوئی حاجت نہیں۔ معمولی علم رکھنے والا بھی ان سے واقف وآگاہ ہے۔

جھنڈے پر کلمہ طیبہ وغیرہ لکھنے کا حکم

سوالِ یازدہم :
نشانوں کے کپڑے پر کلمہ طیبہ یا اسماے متبرکہ تحریر کرنا اور تعظیم کے ساتھ ان کا رکھنا درست ہے یا نہیں ؟۔
جوابِ یازدہم :
نشانوں کے کپڑے پر کلمہ طیبہ یا اَسمائے متبرکہ لکھنا جائز و درست ہے۔ ہاں ! اس کی بے ادبی اور بے تعظیمی نہ ہونے پائے۔ چنانچہ درمختار کے -کتاب الطہارۃ- میں ہے :
بساط أو غیرہ کتب علیہ الملک للّٰہ یکرہ بسطہ و استعمالہ لا تعلیقہ للزینۃ۔ (۱)
یعنی اگر کسی کپڑے وغیرہ پر’المُلْکُ لِلّٰہِ لکھا ہو تو اس کا بچھانا اور استعمال کرنا مکروہ ہے۔ مگر زیب وزینت کی خاطر اس کا لٹکانامکروہ نہیں۔
نیز اسی درمختار کے -باب صلوٰۃ الجنائز- میں ہے :
عن الفتح أنہ قال تکرہ کتابۃ القراٰن و اسماء اللّٰہ تعالیٰ علی الدراہم و المحاریب و الجدران و ما یفرش و ما ذاک إلا لاحترامہ و خشیۃ وطیہ۔ (۲)

(۱) درمختار: ۱/۱۹۳۔۔۔ البحر الرائق شرح کنز الدقائق: ۲/۲۸۵۔۔۔ رد المحتار: ۲/۱۵۔۔۔ المحیط البرہانی فی الفقہ النعمانی: ۵/۲۹۷۔۔۔
(۲) رد المحتار: ۶/۴۱۷۔۔۔ تبیین الحقائق شرح کنز الدقائق: ۱/۲۷۶۔۔۔ فتح القدیر: ۱/۳۱۰۔
یعنی’ فتح کے حوالے سے آیا ہے کہ درہم، محراب اور دیوار و فرش وغیرہ پراسمائے الٰہیہ اور قرآن کی آیتیں لکھنا مکروہ ہے۔ہاں ! اگر اس کی تعظیم وتوقیرکی جائے اور اس کی بے ادبی نہ ہوتودرست ہے۔
فتاویٰ قاضی خان میں ہے :
و لو کُتب القراٰنُ علی الحیطان و الجُدَران بعضہم قالوا: یرجی أن یجوز، و بعضہم کرہوا ذٰلک مخافۃ السقوط تحت اقدام الناس۔ (۱)
یعنی پردے یا دیوار پر قرآن لکھنے کے تعلق سے علمائے کرام کی مختلف رائیں ہیں بعض نے اس کو جائزمانا ہے اور بعض نے اسے مکروہ جاناہے اس احتیاط کے پیش نظر کہ شاید وہ گرکر لوگوں کے پاؤں تلے روندے جائیں۔
مواہب لدنیہ میں اِمام قسطلانی الشافعی عم رسول حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کے اَحوال میں تحریر فرماتے ہیں :
قد عقد لہ لواء أبیض و اللواء ہو العَلَم الذي یحمل في الحرب یعرف بہ موضع صاحب الجیش، و قد یحمل صاحب الجیش و قد یدفعہ لیقدم العسکر۔ و قد صرح جماعۃ من أہل اللغۃ بترادف اللواء والرأیۃ ولکن روي أحمد و الترمذي عن ابن عباس کانت رأیۃ رسول اللّٰہ صلی اللہ علیہ وسلم سوداء و لواء ہ أبیض، و مثلہ عند الطبراني عن بریدۃ و عن عدي عن أبي ہریرۃ و زاد مکتوب فیہ لا إلٰہ إلا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ۔ (۲)

(۱) فتاویٰ ہندیہ معروف بہ فتاویٰ عالمگیری:۴۳/۶۷۔
() سبل الہدیٰ والرشاد فی سیرۃ خیر العباد: ۷/۳۷۱ و ۳۷۳۔۔۔ عیون الاثر: ۲/۴۰۶۔۔۔ اخلاق النبی لابی الشیخ الاصبہانی: ۱/۴۴۴ حدیث: ۴۰۴۔
یعنی حضرت حمزہ کوایک سفیدنشان دیا گیا تھا۔اور لوا اُس عَلم کو کہتے ہیں جو جنگ میں اُٹھائے رکھاجاتا ہے تاکہ لشکر کے سرخیل کا مقام معلوم ہو۔اس علم کو بسا اوقات سردار خود اُٹھاتا ہے اور کبھی اسے لشکر کے آگے رکھ دیا جاتا ہے۔ بعض اہل لغت نے لوا اور رایۃ کومترادف کہا ہے۔ مگر امام احمد و ترمذی نے حضرت ابن عباس سے جو روایت کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا رایۃ سیاہ اور لواء سفید تھا (اس سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں میں کچھ فرق ہے اوریہ دو الگ الگ چیزیں ہیں ) حضرت بریدہ وعدی اورابوہریرہ سے روایت کرتے ہوئے امام طبرانی نے بھی یہی بات فرمائی ہے مگر اس میں اتنا اضافہ ہے کہ اس نشان کے اوپر’’لا اِلہ الا اللہ محمد رسول اللہ لکھاہوا تھا۔
مذکورہ بالا اَحادیث صحیحہ اور روایاتِ فقہیہ سے صراحتاً ثابت ہو گیا کہ نشان کے کپڑے پر کلمہ طیبہ یا اَسماے متبرکہ تحریر کرناجائز و درست ہے، بشرطیکہ اس کی تعظیم و توقیرمیں کوئی کوتاہی نہ واقع ہو۔

صوفیہ کے بارے میں نازیباکلمات کہنے کا حکم

سوالِ دوازدہم :
صوفیہ کرام مثلاً رفاعیہ،قادریہ، چشتیہ وغیرہم کی مجالس مذاکرہ میں وجدورقص کی جو حالت پیداہو جاتی ہے اس مجلس مذاکرہ نیزاس میں شاغلین وذاکرین کو شیطان بھوت یا کفار وغیرہ سے مشابہت دیتے ہوئے بے جا اور نازیباکلمات ان کی شان میں کہنا اور ان پرکفر کا اطلاق کرناکہاں تک درست ہے ؟۔
جوابِ دوازدہم :
صوفیہ کرام کے طریقہ ذکر و اَذکار اور ان کی مجالس مذاکرہ پر طعن وتشنیع کرنا سنگین جرم وخطا اورگمرہی وبد نصیبی ہے، کیوں کہ وہ لوگ ہرگز شریعت کے خلاف کوئی کام نہیں کرتے، اور کسی (سچے پکے ) اہل طریقہ نے (نہ توخود) صوم وصلوٰۃ اور حج وزکوٰۃ کوچھوڑا اور نہ ہی دوسروں کو اس سے باز رکھا۔
چنانچہ اس سلسلے میں شیخ عبد الوہاب شعرانی اپنی کتاب-الیواقیت والجواہر- میں فرماتے ہیں :
قال الشیخ مجد الدین الفیروز آبادي صاحب کتاب القاموس في اللغۃ : لا یجوز لأحدٍ أن ینکر علی القوم ببادي الرأي لعلو مراتبہم في الفہم و الکشف و قال لم یبلغنا عن أحدٍ أنہ أمر بشیء یہدم الدین و لا نہیٰ أحد عن الوضوء و لا عن الصلوٰۃ و لا عن غیرہما من فروض الإسلام و مستحباتہ انما یتکلمون بکلام یدق عن الافہام و کان یقول قد یبلغ القوم في المقامات و درجات العلوم الی المقامات المجہولۃ التي لم یصرح بہا کتاب ولا سنۃ و لکن أکابر العلماء العاملین قد یردون ذٰلک إلی الکتاب والسنۃ بطریقٍ دقیقٍ لحسن استنباطہم و حسن ظنہم بالصالحین و لکن ما کل أحدٍ یتربص إذا سمع کلاماً لا یفہمہ بل یبادر إلی الإنکار علی صاحبہ و خلق الإنسان عجولا۔
یعنی صاحب قاموس شیخ مجدالدین فیروز آبادی فرماتے ہیں کہ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ کشف وفہم میں اعلیٰ مقام رکھنے والے صوفیہ کرام کو بادی الرأی میں ٹھکرادے۔ مزید فرماتے ہیں کہ ہمیں کبھی کسی کے ذریعہ یہ نہیں معلوم ہواکہ انھوں نے کسی ایسی بات کا حکم دیا ہو جس سے دین کی بنیادمیں دراڑ پڑتی ہو، نہ ہی انھوں نے کبھی کسی کو اسلام کے فرائض ومستحبات مثلاًنمازو وضو وغیرہ سے منع کیا۔ ہاں ! وہ ایسی باتیں ضرور کرتے ہیں جو ذہن وفکر کی رسائی سے بالاتر ہوتی ہیں۔ آپ مزید فرماتے ہیں کہ کچھ لوگ ایسے مقامات پر فائز ہو جاتے ہیں اور علم کے ایسے نامعلوم زینے طے کر لیتے ہیں جن کی کتاب وسنت میں صراحت نہیں ملتی، لیکن اکابرین علما (مسائل میں ) تعمق نگاہی، حسن استنباط اور صالحین کے ساتھ خوش گمانی رکھنے کے باعث ان (کی نکات آفرینیوں )کا سررشتہ کتاب وسنت سے جوڑ دیتے ہیں۔ لیکن ایسا کرنا ہر کسی کے بس کا روگ نہیں ہے۔ کیوں کہ لوگوں کا حال تو یہ ہے کہ جیسے ہی کسی کی بات سنی،اور وہ اس کی عقل وفہم کے چوکھٹے میں فٹ نہیں ہوپارہی تو فوراً اس کے اوپر اعتراضات کے بوچھار لگا دیتا ہے، اور(ایسا کیوں نہ ہو،انسان) پیدائشی جلد باز واقع ہواہے۔
اُن جاہلوں کی بات ہی کچھ اور ہے جو خود کو صوفی تصور کر کے اپنی کم علمی ونافہمی کے باعث بے جا اور نازیباکلمات کہہ ڈالتے ہیں۔ بلکہ -نعوذ باللہ- بسا اوقات اَحکام شرع سے تجاوز کر کے درجہ کفرتک پہنچ جاتے ہیں۔ ایسے گمراہ لوگوں اور باطل فرقوں کی شدت سے خبر لینی چاہیے، انھیں تنبیہ کرنی چاہیے، اور ان کو ایسی غیر شرعی باتوں اورایسے برے کاموں سے سختی سے روکناچاہیے۔
( شریعت نبوی کے مطابق اُن کے چند اَقوال کی تردید اِس فقیر نے ’’طریق شریعت نامی ایک رسالہ میں تفصیل سے بیان کر دی ہے)۔
صوفیانِ باصفا اور سالکانِ راہِ ہدیٰ جو کہ شریعت نبوی پر کاربند اور ظاہری و باطنی ہر طرح کے علوم وفیوض سے بہرہ ور ہیں۔ اور آیت کریمہ: الَّذِینَ یَذْکُرُونَ اللّٰہَ قِیَاماً وَّ قُعُوداً وَّ عَلٰی جُنُوبِہِمْ o کے مطابق ذکرو اَذکارِ ایزدی میں جدوجہد کرنے کے باعث بلندوبالامرتبہ پاتے رہتے ہیں۔
بخاری ومسلم میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت سے ثابت ہے کہ اللہ کے کچھ فرشتے اہل ذکر کو تلاش کرتے پھرتے ہیں، اور جہاں ذاکرین کو پاتے ہیں تو انھیں اپنے پروں سے اوّل آسمان تک ڈھانپ لیتے ہیں۔ ۔۔۔۔۔ پھر جب اللہ تعالیٰ فرشتوں کو گواہ بنا کر فرماتا ہے کہ میں نے ان سب کو بخش دیا۔ توان میں سے ایک فرشتہ بول اُٹھتا ہے کہ پروردگار! ان میں تو فلاں گنہ گار بندہ بھی شامل ہے جو اُن کی راہ پر نہیں، کسی کام سے آیا تھامگر لوگوں کو بیٹھا دیکھ کر خود بھی بیٹھ گیا۔ اس پر اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ فرشتو! گواہ رہنا ہم نے اس کو بھی بخش دیا۔ بلاشبہہ یہ ایسے لوگ ہیں جن کے پاس بیٹھنے والا شقی یعنی بے نصیب نہیں رہتا (۱) ؎
مس ناقص از طفیل کیمیا زر می شود ٭ اِختیارِ صحبتِ کامل کن وکامل برآ

(۱) پوری حدیث کا متن یوں ہے :
عن أبيِ ہریرۃ قال قال رسول اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم إن لِلّٰہِ ملائِکۃ یطوفون فِي الطرقِ، یلتمِسون أہل الذِکرِ، فِإذا وجدوا قوما یذکرون اللّٰہ تنادوا ہلمُّوا إِلی حاجتِکم قال فیحفونہم بِأجنِحتِہِم إلی السماء الدنیا قال فیسألہم ربہم وہو أعلم مِنہم ما یقول عِبادِي قالوا یقولون یسبِحونک، ویکبِرونک، ویحمدونک ویمجِدونک قال فیقول ہل رأوني قال فیقولون لا و اللّٰہِ ما رأوک قال فیقول وکیف لو رأونيِ قال یقولون لو رأوک کانوا أشد لک عِبادۃ، و أشد لک تمجِیدا، و أکثر لک تسبِیحا قال یقول فما یسئلونيِ قال یسئلونک الجنۃ قال یقول وہل رأوہا قال یقولون لا واللّٰہِ یا ربِ ما رأوہا قال یقول فکیف لو أنہم رأوہا قال یقولون لو أنہم رأوہا کانوا أشد علیہا حِرصا، و أشد لہا طلبا، و أعظم فِیہا رغبۃ قال فمِم یتعوذون قال یقولون مِن النارِ قال یقول و ہل رأوہا قال یقولون لا واللّٰہِ ما رأوہا قال یقول فکیف لو رأوہا قال یقولون لو رأوہا کانوا أشد مِنہا فِرارا، و أشد لہا مخافۃ قال فیقول فاشہِدکم أنيِ قد غفرت لہم قال یقول ملک مِن الملائکۃِِ فِیہِم فلان لیس مِنہم إِنما جاء لِحاجۃ قال ہم الجلساء لا یشقی بِہِم جلِیسہم۔
(صحیح بخاری:۲۱/۲۵۲ حدیث:۶۴۰۸۔۔۔ صحیح مسلم: ۱۷/۲۹۴ حدیث: ۷۰۱۵۔۔۔سنن ترمذی: ۱۳/۱۵۸ حدیث: ۳۹۴۹۔۔۔مسند احمد:۱۶/۱۶۰ حدیث: ۷۶۲۹۔۔۔ شرح السنۃ بغوی:۲/۲۷۶۔۔۔ مستدرک حاکم: ۴/۳۶۸حدیث: ۱۷۷۵۔۔۔معجم صغیر طبرانی: ۳/۲۱۲ حدیث: ۱۰۷۰ ۔۔۔ شعب الایمان بیہقی: ۲/۱۰۱ حدیث: ۵۵۹۔۔۔ صحیح ابن حبان: ۴/۲۰۶ حدیث: ۸۵۸۔۔۔مسند طیالسی: ۷/۳۱ حدیث: ۲۵۴۷)
تو اب غور کرناچاہیے کہ جن کے نزدیک بیٹھنے والا بہرہ یاب ہو کراُٹھے تو پھر اُن شاغلین و ذاکرین، ان کی مجلس مذاکرہ، اور اُن کے غیربناوٹی حالت وجدو رقص کو شیطان بھوت اور کفار وغیرہ سے تشبیہ دینا اوراُن کی شان میں بے جا و ناروا کلمات کہنا کس طرح درست ہو گا!(اور یہ کہاں کا انصاف ہے!)۔
فتاویٰ خلیلی جلد ثانی صفحہ ۲۵۹ مطبوعہ مصر میں ہے :
و أما قولہ في الرقص والتواجد أول من أحدثہ أصحاب السامري، فکیف یجوز لمسلم أن یشبہ الذاکرین اللّٰہ کثیرا بالکافرین و قال تعالیٰ : اَ فَنَجْعَلُ المُسْلِمِیْنَ کَالْمُجْرِمِیْنَ مَا لَکُمْ کَیْفَ تَحْکُمُونَ o (سورۂ قلم: ۶۸/۳۵)
و قال تعالیٰ : اَمْ حَسِبَ الَّذِیْنَ اجْتَرَحُوا السَّیِّئَاتِ اَنْ نَجْعَلَہُمْ کَالَّذِیْنَ اٰمَنُوا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰت سَوَائٌ مَحْیَاہُمْ وَ مَمَاتُہُمْ سَائَ مَا یَحْکُمُونَ o (سورۂ جاثیہ: ۴۵/۲۱)
یعنی رقص وتواجد کی نسبت ان کا یہ کہنا کہ اس کی ایجاد کرنے والے (عہد موسوی کے) اصحابِ سامری ہیں، (بڑی عجیب سی بات ہے) کیا کسی مسلم کے لیے روا ہے کہ وہ اللہ کا کثرت سے ذکر والوں کو کافروں سے تشبیہ دے۔ جب کہباری تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے :’’کیا ہم فرمانبرداروں کو مجرموں کی طرح (محروم)کر دیں گے۔نیز(ایک دوسری جگہ) فرماتا ہے:’’کیا وہ لوگ جنہوں نے برائیاں کما رکھی ہیں یہ گمان کرتے ہیں کہ ہم انہیں ان لوگوں کی مانند کر دیں گے جو ایمان لائے اور نیک اعمال کرتے رہے (کہ)ان کی زندگی اور ان کی موت برابر ہو جائے۔ جو دعوی(یہ کفار)کر رہے ہیں نہایت برا ہے۔
اگرچہ بعض کتابوں میں طریقہ صوفیہ پر اِعتراضات تحریر ہیں لیکن ان کے وہ اعتراضات دو صورتوں سے خالی نہیں۔ اول یہ کہ اس سے ان کی مراد جھوٹے اہل تصوف ہوں گے جو(شیطان کے بہکاوے میں آکر) خلافِ شرع باتوں پر عمل پیرا ہیں۔ دوم یہ کہ شاید ان مصنّفین نے محض جاہلوں کے اقوال وافعال کو دیکھتے ہوئے صوفیانِ صدق و صفا اور رہروانِ طریق ہدا کو بھی بدگمانی سے ان کے اوپر قیاس کر لیاہو اور پھر بلا استثنا مطلقاً سب پر اپنی زبانِ طعن دراز کر دی ہو۔
بذکرش ہرچہ مبنی در خروش است
ولی داند دریں معنی کہ گوش است
لہٰذا ہمیں یہ ہرگزنہ چاہیے کہ ان کی بدگمانی کی پیروی کرتے ہوئے خود کو بھی گرفتارِ معصیت کر دیں، اور ان کی طرح اُس گروہِ حق پر ناحق تہمت باندھ دیں، کیوں کہ بدگمانی مسلمانوں پر قطعی حرام ہے۔
فتاویٰ خلیلی جلد ثانی صفحہ ۲۶۱ مطبوعہ مصرمیں اس کو بہت تفصیل سے بیان کیا ہے، اختصار کے پیش نظرصرف اس کا خلاصہ یہاں نقل کیاجاتا ہے :
و الحاصل ان أصحاب ہٰذا النقول من الفقہاء إذا أساؤا ظنونہم في طائفۃ من الصوفیۃ فحملوا أحوالہم في ذکر اللّٰہ تعالیٰ علی اللہو واللعب و طعنوا في شأنہم مما یعلمہ اللّہ تعالیٰ لا یلزمنا نحن أن نتبعہم في سوء الظن في أہل الذکر في جمیع الأزمان و نرتکب ہٰذہ المعصیۃ کما ارتکبوہا، و نعتقد أنہا طاعۃ و قد قال تعالیٰ : یٰاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اجْتَنِبُوا کَثِیْرًا مِنَ الظَّنِّ o(سورۂ حجرات:۴۹/۱۲) فإن سوء الظن بالمسلم حرام قطعي و التاویل واجب في أفعالہ و أقوالہ کما قالہ العلماء و السماع عند طائفۃ الصوفیۃ غیر السماع عند الفقہاء من الأحکام الشریعۃ فإن طائفۃ قلوبہم فارغۃ من سوء الظن في أحد من البریۃ۔
یعنی خلاصہ کلام یہ کہ فقہاے کرام میں سے جنھوں نے ایسا قول کیا ہے(اس کی حقیقت یہ ہے کہ وہ) جب گروہِ صوفیہ میں کسی کے بارے میں بدگمان ہوتے ہیں تواللہ کے ذکرو فکرسے متعلق ان کے اَحوال کو لہوو لعب اور خرافات کے ساتھ جوڑ دیتے ہیں اور پھر خدامعلوم کس کس طرح سے انھیں اپنے طعن وتشنیع کا نشانہ بناتے ہیں۔ تواہل ذکر کے حوالے سے ہر دور میں جوبدگمانیاں ہوتی رہی ہیں ان کی ٹوہ میں لگے رہنایہ ہمارافرضِ منصبی نہیں ہے۔ یہ کیا ضروری ہے کہ انھوں نے جو غلطی کی ہم بھی اسی غلطی کا نیکی خیال کرتے ہوئے اعادہ کرتے پھریں۔ فرمانِ باری تعالیٰ ہے:’’اے ایمان والو! زیادہ ترگمانوں سے بچا کرو۔کیوں کہ ایک مسلم کے ساتھ بدگمانی رکھنا حرام قطعی ہے۔
ان صوفیہ کرام کے جو افعال واقوال ہیں ان کی مناسب تاویل کرنی چاہیے جیسا کہ اہل علم کاہمیشہ سے یہی شعار رہا ہے۔ اور احکام شریعت کے تعلق سے صوفیہ کرام اور فقہاے اسلام کے سماع میں بڑا فرق ہے، کیوں کہ صوفیوں کی جماعت ایسی ہوتی ہے جن کے دل بدگمانیوں سے پاک ہوتے ہیں اور بھری مخلوق میں سے کسی کے لیے وہ بدگمان نہیں ہوتے۔
پروردگار عالم جملہ اہل اسلام کو توفیق خیر عنایت فرمائے،اور سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی پیروی نصیب کرے۔
یا اِلٰہی چشم بینائی بدہ ٭ در دلم از عشق سودائی بدہ
آتش افگن دردلم مانند طور ٭ شعلہ خیزد از تجلی ہاے نور
یعنی اے پروردگار میری آنکھوں کو بینائی عطا کر دے۔میرے دل کوعشق حقیقی کا سودائی بنادے۔میرے دل کے اندر کوہِ طورکی مانند آگ بھڑکادے۔تاکہ اس کے اَنوار و تجلیات سے فضاے دل شعلوں سے معمور ہو جائے۔

تذکرۂ سلطان العارفین شیخ سید اَحمدکبیررفاعی-علیہ الرحمہ-

چوں کہ یہ رسالہ سلسلہ عالیہ رفاعیہ سے متعلق ہے، اس لیے حقیقت بین ناظرین کے اِستفادے کے لیے سلطان العارفین، برہان الواصلین، الغوث المعظم والقطب المکرم شیخنا ومولانا السید احمد الکبیر الحسینی الموسوی الرفاعی-قدس سرہ العزیزو اَعاد اللہ علینا من برکاتہ-کا ذکرجمیل بطورِ برکت اختصار کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے۔
مشائخ دہر اور اَولیاے عصرپر آپ کی عظمت وفضیلت درجۂ ثبوت اور پایۂ تحقیق تک پہنچی ہوئی ہے۔ چنانچہ صاحب’’تریاق المحبیننے لکھا ہے کہ شیخ محمد خطیب الحدادی کے روبرو جب حضرت سید احمد کبیر رفاعی اور دوسرے اولیاء اللہ کا ذکر آتا تو آپ حضرت شیخ رفاعی کے فضائل ومناقب میں یہ شعر پڑھا کرتے تھے ؎
لا تقس بارق النجوم بشمس
بینہا و النجوم فرق عظیم
فاحذر أن یقال عینک عمیا
و إلا فمکابر أو لئیم
یعنی ستاروں کی چمک دمک کا سورج سے کیا موازنہ !۔سورج اور ستاروں کے درمیان بہت بڑا فرق ہے، لہٰذا اس سے بچو کہ تمہاری آنکھوں کو اَندھی کہا جائے۔ یاپھر یہ کہ تمہیں متکبر یاکمینہ کہہ کے پکارا جائے۔
مصنف موصوف لکھتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی -قدس سرہ العزیز- کی مجلس میں شیخ رفاعی کا ذکر آیاتوآپ نے فرمایا :
السید احمد الرفاعي حجۃ اللّٰہ علی أولیاۂ الیوم و صاحب ہٰذہ المأدبۃ۔
یعنی شیخ احمد کبیر رفاعی اولیاے کرام پر اللہ تعالیٰ کی حجت، اور آج بھی خوانِ ولایت کے میزبان ہیں۔
پھرمندرجہ ذیل شعر فی البدیہ حضرت شیخ رفاعی کی شان میں اِرشاد فرمایا ؎
ہٰذا الذي سبق القوم الأولی و إذا
رأیتہ قلت ہٰذا آخر الناس
یعنی یہ وہ شخصیت ہیں کہ پہلے دور کے لوگوں کی یادگار معلوم ہوتے ہیں، جب تم انھیں دیکھوگے تو یہ کہنے پر مجبور ہو جاؤگے کہ بس بزرگی انھیں پر ختم ہے، ( اب زمانہ شاید ان کی مثال پیش کرسکے)۔
مصنف مذکورہی نے ’شفاء الاسقام کے حوالے سے لکھا ہے کہ بعض عارفین جمالِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے دیدار سے مشرف ہوئے۔ اور سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم سید احمد کبیر الرفاعی کے مراتب وصفات بیان کرتے ہوئے فرمارہے ہیں : سید احمد الرفاعی علم وفضل کا بادشاہ ہے، اس کی ہدایت و رہبری سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے مخلوق توجہ اور وصول اِلی اللہ سے بہرہ یاب ہو گی۔ اس کا سبب یہ ہے کہ وہ فنا اور فناء الفناباللہ ہے، اور اس کا حال مقال سے بڑھ کر ہے، (یعنی وہ گفتار سے کہیں زیادہ کرداروعمل کا غازی ہے)۔
اس پر قیاس کرتے ہوئے اَندازہ لگائیں کہ اُن کے فضائل و مراتب کتنے بیحدو بے شمار اور روزِ روشن کی مانندآشکار ہیں۔ مگر اس مختصر سے رسالے میں ان سب کو بیان کرنے کی کہاں گنجائش ہے!۔
مفاخرہ تأبی عن الحصر انہا
متی مر منہا مفخر جاء مفخر
سلوا الشمس عنہا أنہا ہي دونہا
و آیاتہ الزہراء من الشمس أظہر
یعنی اس مجموعہ خوباں ہستی کے فضائل ومناقب حدوشمار سے باہر ہیں۔
کیوں کہ ابھی ایک خوبی کا بیان مکمل نہیں ہوپا تھا کہ دوسری سامنے آ جاتی ہے۔
اس کے محامدومفاخر سورج سے پوچھوکیوں کہ وہ خود اپنے آپ کو اس سے کمتر سمجھتا ہے۔اور اس کی درخشندہ عظمت وکرامت اظہر من الشمس ہے۔

نام ونسب
آپ کانام نامی اسم گرامی سید اَحمد محی الدین ہے، اور علو مرتبت کے باعث ’کبیر بھی آپ کے نام کا جز بن گیا۔ کنیت اَبو العباس اور لقب رفاعی ہے۔ اس لقب کا سبب اکثر کتابوں میں یہ تحریر ہے کہ آپ کے جد امجد سید حسن اصغر رفاعۃ الہاشمی المکی ’رفاعہ کے لقب سے مشہور تھے توبس اسی مناسبت سے آپ کا لقب بھی رفاعی پڑ گیا۔ جب کہ صاحب’تحفۃ الاولیائ وغیرہ نے یہ لکھا ہے کہ آپ کو یہ لقب بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم سے عنایت ہواہے۔ اس کا خلاصہ مندرجہ ذیل کتب میں موجود ہے۔اورعوام میں جو یہ مشہور ہے کہ آپ کے جد مادری حضرت سیدنا رفیع الدین کی نسبت سے آپ کا لقب رفاعی ہواتویہ غیرمعتبر ہے۔
آپ کے والد ماجد کا نسب یوں ہے: سید نور الدین ابو الحسن علی المکی بن سید یحییٰ بن سید ثابت بن سید حازم بن سید احمد بن سید علی بن سید ابوالمکارم الحسن المعروف بہ رفاعہ المکی بن سید مہدی بن سید محمد ابی القاسم بن سید حسن بن سید حسین بن سید موسیٰ الثانی بن الامام سید ابراہیم المرتضیٰ بن الامام موسیٰ الکاظم، اس کے آگے امام حسین رضی اللہ عنہ تک نسب مبارک مشہور ومعروف ہے۔

خرقہ خلافت
خرقہ خلافت ومشیخت آپ کو شیخ علی القاری الواسطی سے عطاہوا۔(سلسلہ زریں کچھ یوں ہے) شیخ علی القاری الواسطی۔۔۔ شیخ الاعظم ابوالفضل محمد بن کامخ۔۔۔ شیخ علی بن علام بن ترکان ۔۔۔ علی البازیاری۔۔۔ علی العجمی۔۔۔ ابوبکر شبلی ۔۔۔ سید الطائفہ شیخ ابوالقاسم جنید بغدادی۔۔۔ سری السقطی۔۔۔ معروف کرخی۔۔۔ داؤد طائی۔۔۔ حبیب عجمی۔۔۔ ابوسعید حسن بصری۔۔۔ حضرت امام المشارق والمغارب سیدنا علی بن ابی طالب۔۔۔ سلطان المرسلین، حبیب رب العالمین، خاتم النبیین، شفیع المذنبین، احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم۔
’تحفۃ الاولیائ، شفاء السقام، براہین، تریاق المحبین اور عجائب واسطہ وغیرہ میں لکھا ملتا ہے کہ حضرت شیخ رفاعی نے (خلق خدا کی رہبری کے لیے) مکہ معظمہ سے تشریف لا کر جب بصرہ کے قریب اُم عبیدہ کے مقام پر سکونت اختیار کی،اور آپ کے اندربدرجۂ اَتم موجود زہدو ریاضت کا چرچہ دیگرشہروں اور ملکوں تک پہنچگیا۔ (پھر کیا ہوا) یہ خبرہدایت اَثر سن کر اس نعمت عظمیٰ کو غنیمت جانتے ہوئے اکثرعلمائے کرام اور مشائخ عظام نے بہ خلوصِ نیت بیعت کر کے آپ سے ظاہری و باطنی فیوض وبرکات حاصل کیے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ آپ کی حیات میں سلسلہ رفاعیہ کے خلفاو منسلکین کی تعداد ایک لاکھ اسی ہزار تک پہنچ چکی تھی۔ ان میں اکثر مشاہیر کے نام نامی اسم گرامی بھی کتب مذکورہ میں تحریر ہیں۔

فقہی مذہب اور آپ کی تصنیفات
آپ مذہباً شافعی اور فقیہ کامل تھے۔ آپ کی تصنیفات وتالیفات بہت ہیں : مثلاً تفسیر میں معانیِ بسم اللہ الرحمن الرحیم۔۔۔تفسیر سورۃ القدر۔ حدیث میں الروایۃ۔ علم تصوف میں طریق الی اللہ۔۔۔ حالۃ اہل الحقیقۃ مع اللہ۔۔۔ بہجۃ۔ اور فقہ شافعی وغیرہ میں شرح التنبیہ۔۔۔حَکم۔۔۔ احزاب۔۔۔اور برہان المویدنہایت عمدہ اور معتبر کتابیں ہیں۔ اس طرح آپ کی کل چھ سو باسٹھ (۶۶۲) کتابیں ہیں۔

راتب رِفاعیہ کی تاریخی حیثیت
طریقہ عالیہ رفاعیہ آپ ہی سے جاری ہے۔آپ نے مریدین ومتعلقین کے لیے ذکراذکار کا ایک خاص طریقہ مقرر کر رھا ہے جسے ’’راتب رفاعیہ کہاجاتا ہے۔امام المورخین قطب مدینہ شیخ عبد اللہ مطری اپنی کتاب ’’انوارِ احمدی میں اس کی حقیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرماتے ہیں :
ایک روز قطب الاقطاب، سلطان العارفین سیدنا احمد کبیر الرفاعی الحسینی -قدس سرہ و روحہ-اپنے اصحاب ومریدین کو معرفت ومحبت الٰہی کی تعلیم وہدایت دے رہے تھے، ساتھ ہی بعض خلفا کو حکم دے رہے تھے کہ ہر شب جمعہ اور شب دوشنبہ بعد نمازِ عشا آدھی رات تک ذکرجہرونفی واثبات جلی وخفی میں مشغول رہے۔ دل حضورِ باری کی جانب متوجہ رہے، اور جب تک اس حلقہ ذکرمیں رہے وجدو شوق کے ساتھ ذکر الٰہی میں مستغرق رہے۔نیزفرماتے کہ اگر توچاہے تو ہر شب اسے تنہا پڑھ لیا کر تاکہ تیرا باطن چمک اُٹھے۔
مورخ موصوف نے مزید لکھا ہے کہ اس حلقہ مذکورہ میں قصائدواشعار دف کے ساتھ پڑھے جاتے لیکن ذکر کی آوازدَف کی آواز سے بلندرہا کرتی تھی۔نیز ذکر سننے کے بعد وجدو شوق کی حالت میں وہ آلات آہنی(مثلا گرزوشمشیروسیخ وغیرہ) سے اپنے بدن پر ضرب کرتے تھے جو اللہ تعالیٰ کی عنایت اورآپ کے فیض وبرکت سے(کرنے والے کو)کچھ بھی نقصان نہ پہنچاتے تھے۔شیروگرگ اور سانپ بچھو کو پکڑنا،آگ میں داخل ہونا اور پانی پر چلنا (آج تک) آپ کے توابعین میں جاری ہے-کذافی انوار احمد ی للمطری-
یہ مجلس راتب خاندانِ رفاعیہ کے ساتھ مخصوص ہے۔ جس طرح سماع محدود ہے طریقہ چشتیہ کے ساتھ۔یوں ہی ہر سلسلہ کے پیشواؤں نے اپنے توابعین ومریدین کے لیے ذکر کا ایک خاص طریقہ مقرر کیا ہے جس کی تعمیل صاحب سلسلہ کی اجازت کے بغیرناروا اور بے سود ہے۔(ظاہرہے) اگرصاحب سلسلہ سے اجازت لیے بغیروہ چیز ہٹ دھرمی سے چلادیں تو وہ فیض کہاں سے نصیب ہو گاجوکہ ایک صاحب اجازت کو حاصل ومیسر ہے۔
کسی بزرگ نے کیاخوب فرمایا ہے ؎
ہیچ کس از خود بخود چیزے نہ شد ٭ ہیچ آہن ہم بخود تیزے نہ شد
مولوی از خود نہ شدمولاے روم ٭ تا غلام شمس تبریزی نہ شد
یعنی کوئی شخص ازخود کوئی چیز نہیں بن جاتا۔کسی لوہے کے اندر خود بخود تیزی پیدا نہیں ہو جاتی۔
مولوی اپنی ذاتی قابلیت و لیاقت سے مولائے روم نہیں بن گیا۔ اسے مولاے روم بننے کے لیے پہلے شمس تبریری کی غلامی اختیار کرناپڑی تھی۔
وہ بزرگ مزید فرماتے ہیں ؎
علم باطن ہم چو زبدوعلم ظاہر ہمچو شیر
کے شود بے شیر زبدوکے شود بے پیرپیر
یعنی علم باطن کی مثال مکھن کی سی ہے اور اس کے مقابلے میں علم ظاہر دودھ کی مانند ہے۔ جس طرح بغیردودھ کے مکھن وجود میں نہیں آسکتا اسی طرح کوئی شخص بغیر کسی کے سے وابستہ ہوئے (کامل ) پیر نہیں بن سکتا۔
(عربی کامشہور مقولہ ہے) مَنْ خَدِمَ خُدِمَ۔ یعنی جو دوسروں کی خدمت کیا کرتا ہے، ایک وقت آتا ہے کہ لوگ خود اس کے خدمت گزاربن جاتے ہیں۔
بیعت و اِجازت کے اَحوال و کیفیات مشائخ عظام کی کتابوں مثلاً ’القول الجمیل وغیرہ میں خلاصہ وار تحریرہیں، اس مختصر رسالہ میں اس کوبیان کرنے کی گنجائش نہیں۔

اِزدواج و اَولاد
تاریخ ونسب سے متعلق کتابوں میں مذکورہے کہ آپ نے کئی ایک شادیاں کیں اور ان سے بہت سے بچے پیداہوئے۔(بتایاجاتا ہے کہ)آپ کے بارہ بیٹے اور دو بیٹیاں تھیں، جن میں سے چار صاحبزادوں کے ذریعہ آپ کا نسب جاری ہو کر مختلف ملکوں میں پھیلا، جب کہ آپ کے آٹھ بیٹے اولاد کی دولت سے محروم رہے۔
فرزند اکبرسید صالح رفاعی اپنے والدبزرگوار کی موجودگی ہی میں دنیا سے چلے گئے اور سیدی یحییٰ البخاری کے قبے میں مدفون ہیں۔ ان کے بیٹے سیدمحمد شمس الدین جانشین ہوئے جن کی نسل واسط، بصرہ، اور سبیلیات وغیرہ میں پھیلی ہوئی ہے۔
دوسرے فرزند سید محمد معدنِ اسرار اللہ الرفاعی والد گرامی کے پردہ فرماجانے کے بعد تخت سجادگی و تولیت پر متمکن ہوئے۔ آپ کی قبرسعید مصر میں زیارت گاہِ عالم ہے۔آپ کی اولاد مصروشام، سبیلیات ومدینہ منورہ،عجم و استنبول اور ہندستان کے شہر بمبئی وسورت وغیرہ میں موجود ہے۔
تیسرے فرزند سید ابراہیم النقیب ہیں جن کے بیٹے سید احمد صیاد سے آپ کا نسب حویزہ، بوشہر،اوربندرریک وغیرہ میں معروف ومشہور ہے۔
چوتھے فرزند سید علی سکران تھے جن کے بیٹے سید شمسان رفاعی سے آپ کی نسلیں عراق وماوراء النہر،اور ہندوقندھاروغیرہ میں بکھری ہوئیہیں۔
بقیہ آٹھ فرزندوں کے اسماے گرامی یہ ہیں : سید اسماعیل المجذوب۔۔۔ سید یوسف۔۔۔ سید عبد الفتاح۔۔۔ سید ابوالمحامد حسن۔۔۔ سید حسین۔۔۔ سید موسیٰ۔۔۔ سید محمود۔۔۔ اور سید عبد المحسن-نفعنا اللہ بارواحہم-جو لاولد رہے۔
دوصاحبزادیوں میں سے پہلی کا نام خدیجہ تھاجن کو زینب بھی کہتے ہیں۔ اور دوسری فاطمہ تھیں - علیہم الرحمۃ والرضوان-۔ ’تریاق، سفینہ احمدی، انسابِ طالبیہ، الدرۃ المضیئۃ، روضۃ الانساب، خلاصۃ الانساب اور بحر الانساب وغیرہ میں یوں ہی ہے۔

کرامات وتصرفات
حضرت شیخ سید احمد کبیر رفاعی -قدس سرہ-کی کرامات و تصرفات بے شمار ہیں اور مشہور ومعروف بھی۔ سیرت و تاریخ کی معتبرکتابوں مثلاً تاریخ امام یافعی، تاریخ تریاق، سواد العینین امام رافعی، الانتضاح فی ذکر الصلاح،تریاق المحبین،اور نزہۃ المجالس وغیرہ میں ان کی تفصیلات موجودہیں۔ یہاں بغرضِ اختصار بس دو ایک کراماتِ خیر آیات تحریر کی جاتی ہیں۔
حضرت عمرو ابی الفرج الفاروقی سے منقول ہے کہ ایک روز شہر واسط کے دریاکے کنارے ہم میں سے اکثر لوگ قطب المعظم سیدنا احمد کبیرالرفاعی کے ہمراہ موجود تھے کہ اچانک آپ نے نعرہ لگاتے ہوئے فرمایا کہ مجھے یوں الہام ہواہے کہ اے احمد! اپنے جد اَمجدحضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے جا، وہاں تیرے لیے ایک سعادت بھری نعمت و اَمانت رکھی ہوئی ہے جومصطفی جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم تجھے عطا فرمائیں گے، لہٰذا اب میں رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے آمادہ ہوں، تم لوگوں کا کیا اِرادہ ہے؟۔اس وقت سید عبد الرزاق الحسینی نے فوراً کھڑے ہو کر فی البدیہ یہ شعرموزوں کر کے عرض کیا ؎
مر کل امر فانا لا نخالفہ ٭ وحد حدا فانا عندہ نقف
یعنی جو کچھ اِرشادِ عالی ہوہم کبھی اس کی مخالفت نہیں کرسکتے بلکہ اس کی تعمیل کے لیے ہمہ وقت ہم بسروچشم حاضر ہیں۔
الغرض آپ وہاں سے لوگوں کے ساتھ اُم عبیدہ تشریف لائے اور اسبابِ سفر تیار کر کے عازم حجاز ہو گئے۔مصنف کی شہادت کے مطابق یہ واقعہ ۵۵۵؁ھ کا ہے۔ آپ کے حج بیت اللہ کے اِرادے کو دیکھ کر لوگوں کی ایک بڑی جماعت آپ کی معیت میں سوئے حجاز روانہ ہو گئی۔حج کے جملہ ارکان ومناسک ادا کرنے کے بعد آپ زیارتِ نبوی کے لیے روانہ ہوئے۔ اور برہنہ پیادہ پاچلتے ہوئے روضہ اقدس تک پہنچے۔اس وقت کوئی نوہزار(۹۰۰۰)سے زیادہ لوگ (آپ کے ساتھ) موجود تھے۔
حضرت شیخ احمد کبیر رفاعی نمازِعصر کے بعد حرم نبوی میں داخل ہوئے۔سارے زائرین حرم اقدس اوراس کے اطراف وجوانب میں جمع تھے۔شیخ رفاعی نے قبر انور کے قریب ہو کر نہایت ادب واِنکسارسے تحفہ سلام پیش کیا: السلام علیک یا جدی فوراً انعام واِکرام کے طور پر آپ کو جواب ملا: و علیک السلام یا ولدی، جسے حاضرین نے اپنے کانوں سے سنا۔ سرورِ کائنات علیہ الصلوٰۃ و السلام کی طرف سے اس درجہ شفقت ورحمت ہونے کے باعث فرطِ ذوق وشوق میں سیداحمد کبیر رفاعی پروجدوکپکپی کی کیفیت طاری ہو گئی، کھڑے رہنے کا یارا نہ رہا۔تھوڑی دیر بعد قبر شریف سے نزدیک ہو کر نہایت عجزو فروتنی سے یہ رباعی پیش کی ؎
في حالۃ البعد روحي کنت أرسلہا
تقبل الأرض عني و ہي نائبتي
و ہٰذہ دولۃ الاشباح قد حضرت
فامد یمینک کی تحظی بہا شفتي
یعنی (اے اللہ کے رسول) ہجروفراق اور دوری ومہجوری کے عالم میں اپنی روح کو اپنانائب بنا کر(آپ کی بارگاہ میں سلام پیش کرنے کے لیے) بھیج دیا کرتا تھا،جو میری طرف سے خاکِ حرم چومنے کی سعادت حاصل کرتی تھی۔ اور آج قسمت نے یاوری کی اور یہ ہیچ مداں خود حاضر بارگاہِ عالی ہو گیا ہے، تواپنا دایاں ہاتھ (قبرانورسے باہر)نکالیں تاکہ میرے ہونٹ بھی انھیں بوسہ دینے کی عزت وسعادت پالیں۔
سبحان اللہ!شیخ رفاعی پر رسول خیر الانام علیہ الصلوٰۃ و السلام کی کیابارشِ نوازش وکرم ہے کہ ابھی رباعی مکمل بھی نہ ہونے پائی تھی کہ قبرمبارک شق ہوئی اورمعجزانہ طور پر آپ کا دست مبارک چمکتے سورج کی ماننداس سے باہرنکلا،حضرت شیخ رفاعی نے فوراً اس کے بوسے لیے، جس کی برکت سے آپ فوائد ظاہری اور کمالاتِ باطنی کا مجموعہ بن گئے۔جس وقت یہ واقعہ رونماہوا، اس وقت وہاں بہت سے اَصحاب فضل وکمال موجود تھے لیکن صاحب تریاق المحبین کی شہادت کے مطابق وہاں پر موجود اولیاے کرام اور مشائخ عظام کے اسماے گرامی یہ ہیں :شیخ عقیل المنجی، شیخ حیاۃ بن قیس الحرانی، شیخ عدی بن مسافر، شیخ عبد القادر الجیلانی، شیخ احمد الزعفرانی، اور شیخ سید عبد الرزاق الحسینی۔ ان کے علاوہ اور بھی بہت سے اولیاے کاملین اور مشائخین صالحین وہاں موجود تھے-شرف المحتم، التنویر، اور نزہۃ المجالس وغیرہ میں ایساہی ہے-۔
اصحابِ کرامت مآب اور اَرباب ولایت انتساب سے مروی ہے کہ ایک روز حضرت سیدنا پیرپیراں میر میراں محی الدین شیخ عبد القادر الجیلانی- رحمہ اللہ تعالیٰ- نے اپنے خادم خاص کو سلطان العارفین شیخ احمد الکبیر الرفاعی کی بارگاہ میں بھیجا اور زبانی کہلوادیا کہ شیخ سے جا کرپوچھو :
ما العشق؟۔
یعنی عشق کیاچیزہے؟۔
حضرت سید احمد کبیر رفاعی نے خادم سے جب ما العشق سنا توایک آہِ جگر دوز سینۂ پرسوزسے نکالی اور فرمایا :
العشق نار یحرق ما سوی اللّٰہ تعالیٰ۔
یعنی عشق اس آگ کو کہتے ہیں جو اللہ جل مجدہ کے سواہرچیز کو جلا کر راکھ کر دے۔
چنانچہ آپ کی اُس آہِ جانکاہ کی تاثیر سے پہلے تو وہ درخت جل کر خاک ہو گیا جس کے زیرسایہ آپ تشریف فرماتھے،اور پھروہ خاکستر پانی بن کر آپ کے بیٹھنے کی جگہ پہنچ کر برف کی مانند جم گیا۔
خادم خاص نے یہ حال پرملال دیکھنے کے بعد حضرت سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی کی بارگاہ میں لرزاں وترساں حاضر ہو کر بادیدۂ نم ساری کیفیت بیان کر دی۔آپ نے فرمایا:تم اسی مقام پر واپس جاؤ، اور جس جگہ حضرت سید احمد کبیررفاعی کا جسم مبارک محبت الٰہی کی گرمی سے جل کر پہلے خاکستراور پھر فیوضاتِ ربانی سے پانی ہو گیا تھا، اس جگہ کو عطروگلاب وغیرہ عطریات سے معطرکر دو اور اس پانی کے ارد گرد بخور جلاؤدیکھنا ان کا جسم مبارک پھر عالم عنصری میں رجوع کرے گا۔
چنانچہ اس خادم نے حسب اِرشاد تعمیل کی۔ ابھی ایک ساعت بھی نہ گزری تھی کہ حضرت سید احمد کبیر الرفاعی نے مقام فنا فی الفنا’’موتوا قبل أن تموتواسے پھر رجوع کیا، اور وہ پانی قدرتِ الٰہی سے جسم کی صورت اختیار کرگیا، اور سید احمد کبیر الرفاعی-قدس سرہ- کلمہ پڑھتے ہوئے اُٹھ بیٹھے ؎
قادرا قدرت تو داری ہرچہ خواہی آں کنی
مردہ را جانے تو بخشی زندہ رابے جاں کنی
یعنی اللہ جل مجدہ کی توفیق قدرت سے آپ بھی قدرت رکھتے ہیں اور جو چاہتے ہیں وہی ہوتا ہے۔جس مردے کوچاہیں زندگی بخش دیں اور جس زندہ کو چاہیں بے جان کر دیں۔
جس وقت یہ خبرفرحت اَثر حضرت سیدنا شیخ عبد القادری الجیلانی -رحمہ اللہ تعالیٰ- کوپہنچی توآپ نے فرمایا:جواولیا فنادرفنا کے اس مقام پر پہنچ جاتے ہیں تو پھر اس عالم عنصری میں رجوع کرناممکن نہیں ہوتا۔ہاں دوولی ایسے ہوئے ہیں جو عالم عنصری میں لوٹ آتے ہیں۔ ایک تو یہی سید احمد کبیر الرفاعی ہیں اور دوسرے اگلے زمانے کے ایک بزرگ ہوئے ہیں کہ ان کا بھی یہی حال تھا ؎
شہ سوارانے کہ دیدند حسن یار ٭ یافتند دریاے حسنش بے کنار
جملہ گشتند غرق بحر حسن دوست ٭ نے خبر از بحر دارندنے کنار
یعنی کچھ ایسے شہ سوار بھی ہیں جو حسن یار کو تکنے میں لگے ہوئے ہیں، اور انھیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دریاے حسن کا کوئی کنارہ نہیں ہے۔
پھر کیا ہوا کہ سارے کے سارے اسی حسن دوست کے سمندر میں غرق ہو کر رہ گئے۔ پھر نہ انھیں سمندرکا ہوش رہا اور نہ کنارے کی خبر رہی۔
-کذا فی گلدستہ کرامات وغیرہ-واللہ اعلم۔

ولادت و وفات
آپ کی ولادت با سعادت جمعرات کے دن یکم رجب المرجب۵۱۲ھ؁ میں ہوئی۔آپ نے چھیاسٹھ سال کی عمرپائی۔ جمعرات ہی کے دن بوقت عصر-اکثر مورخین کے بقول-۲۲/جمادی الاول ۵۷۸؁ھ کوام عبیدہ کے مقام پر آپ کا اِنتقال ہوا، اور وہیں آپ کا روضۂ مبارک زیارت گاہِ خلائق ہے۔
رضي اللّٰہ عنہ و نفعنا اللّٰہ بہ في الدنیا و الآخرۃ و بجمیع عباد اللّٰہ الصالحین آمین و ما توفیقي إلا باللّٰہ، حسبي اللّٰہ و نعم الوکیل نعم المولیٰ و نعم النصیر۔

کتبہ خادم الطلاب والمشائخین
السید نور الدین سیف اللّٰہ
ابن صاحب السجادہ السید حسام الدین الحسینی الموسوی الرفاعی - عفا اللّٰہ عنہما و عن سائر المسلمین- آمین یا رب العالمین۔

تصدیقات علمائے دین ومفتیانِ شرع متین

قد صح الجواب۔ کتبہ خادم الشرع الشریف
قاضي شریف عبد اللطیف لونڈے
قاضي شجزیرہ معمورہ بمبئی و تعلقہ رتناگیري

ما ظہر في ہٰذا الفتویٰ من الروایات الشرعیۃ
والمسائل الفقہیۃ فہو صحیح کتبہ السید
علوي بن محمد أحمد العیدروس عفي عنہم

ما فیہ المسطور فہو صحیح
و قد أصاب فیما أجاب واللّٰہ أعلم بالصواب
کتبہ خادم الطلبۃ القاضي إسماعیل المہري
-عفا اللّٰہ تعالیٰ عنہ و عن والدیہ-

ما أجاب المجیب فہو فیہ مصیب
کتبہ خادم الشرع القاضي
شیخ محمد مرگھي -عفي عنہ-

ما حررہ في ہٰذہ الرسالۃ فہو صحیح خادم العلماء محمد کاظم -عفي عنہ-

ما حرر في ہٰذہ الرسالۃ فہو صحیح
کتبہ خادم الطلاب ضیاء اللّٰہ بن مولوي
محمد أحسن -عفا اللّٰہ عنہما و جمیع المسلمین-آمین۔

الأمر کما کتب۔ کتبہ أضعف السالکین
السید أبو النصر حسام الدی الحسیني
الموسوي الرفاعي-عفي عنہ- آمین۔

الأمر کما ذکر۔ کتبہ العبد المسکین
السید عماد الدین الرفاعي- عفی عنہ-

الجواب صحیح۔ کتبہ سید جہانگیر
بن سید میر غازي صاحب القادري-عفي عنہما-

حامدا و مصلیا و مسلما
فی الواقع بعد قیل وقال صحیح یہی ہے کہ دف بجانا شرعاً مباح ہے، نیز اشعار وقصائد حسنہ پڑھنا بھی درست ہے۔ اور وجد صحیح کے وقت بلا اختیار تحرک وتمایل میں معتمد قول کے مطابق کچھ کلام نہیں۔ یوں ہی شمشیر وخنجر وغیرہ سے ضرب کرنا بلا تصنع وشعبدہ بازی اور عدم ضررواضرار دینی مصلح کے پیش نظر جائز ہے۔اسی طرح لفظ ’’یا یا بغیریا(بزرگوں سے) استمداد وتوسل مذہب منصورجمہور کے مطابق جائز ہے۔ علم ونشان زمانۂ نبوی میں تھے اور جنگ وجہاد کے وقت ساتھ ہوتے تھے۔ بعض روایات میں آیا ہے کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ منورہ میں جھنڈے کے ساتھ داخل ہوئے-کماذکرہ المجیب-یوں ہی کلمہ طیبہ وغیرہ کا جھنڈے کے اوپر لکھنابشرط حفظ حرمت درست ہے۔ اور اولیاے کرام-نفعنا اللہ ببرکاتہم-کی نسبت بے جا کلمات کہنا دنیا وآخرت میں وبال ونکال کا باعث ہے۔
حررہ العبد المفتقر إلی مولاہ عبید اللّٰہ
-جعل اللّٰہ آخرتہ خیرا من أولاہ-

تحریر مجیب لبیب بلاشک صحیح ودرست ہے۔
اور تقریر حبیب مصیب ہدایت منکر کے لیے نجیح وچست ہے۔
حررہ أحقر عباد اللّٰہ المنان محمد خلیل الرحمن
-عفا اللہ عنہ و عن والدیہ وعن جمیع المسلمین بالفضل والاحسان-

ما قالہ مولانا فصحیح و معتمد۔ کتبہ خادم الشرع
القاضی إسماعیل الجلمائي الشافعي
-عفا اللّٰہ تعالیٰ عنہ و عن جمیع المومنین- آمین یا رب العالمین۔

تحریر مجیب بلا ریب صحیح ہے اور طریقہ رفاعیہ بموجب ارشادِ سیدنا الشیخ سید عبد القادر الجیلانی-قدس سرہ العزیز- طریقہ حقہ سے ہے۔ جیساکہ حضرت محبوب سبحانی نے اپنے قصیدے میں ارشاد فرمایا ہے ؎
کذا ابن الرفاعي کان مني لیسئل لي طریقي و اشتغالي
اور دف بجانا رفاعیہ کا بموجب طریق اپنے کے ان کو جائز ہے جیساکہ حدیقۃ الندیۃ شرح طریقہ محمدیہ وغیرہ میں ہے۔ حررہ المحمود حرسہ اللّٰہ الودود۔

جو کچھ مجیب نے لکھا ہے بے شک صحیح ہے۔ شیخ عبدالحق محدث دہلوی-رحمہ اللہ- نے مدارج النبوۃ کی جلد اول باب دہم میں حکم سماع اور دف وغیرہ بجانے کے تعلق سے طرفین کے اقوال تفصیل کے ساتھ لکھا ہے اور ان کی اباحت میں بہت سے دلائل پیش کیے ہیں، جس کا جی چاہے دیکھ لے۔یوں ہی انبیاواولیا سے توسل واستمداد کے طریقے پر ندا کرناجائز ہے۔ چنانچہ فصل الخطاب میں اس کی شرح وتفصیل موجود ہے۔
کتبہ عبد المذنب الذي ہو في بحر المعاصي غریق
الفقیر الحقیر محمد صدیق
-وقاہ اللّٰہ في الآخرۃ من النار الحریق-

شکریہ

الحمد للہ والمنَّہ- کہ علمائے باتمکین، قاضیانِ شرع مبین اور مشائخ اَہل اِرشاد وتلقین نے اِس رسالہ صداقت مقالہ کو عنایت کی آنکھوں سے ملاحظہ ومطالعہ فرما کر اپنے دستخط و مواہیر سے مرتب ومزین فرمایا۔ بالخصوص حضرت عموی صاحب قبلہ و کعبہ مولانا مولوی حاجی سید عماد الدین صاحب الرفاعی اور حضرت مولانا و استاذنا مولوی حاجی عبید اللہ صاحب -مد ظلہما- نے بہ نظر صحت و اِصلاح نہایت تحقیقات سے ملاحظہ فرماکے بندے کو ممنون ومشکور گردانا۔
احقر مولف ان سب حضرات با برکات کا تہِ دل سے شکرگزار ہے- خداوند عالم ان صاحبانِ ذیشان کو سلامت با کرامت رکھے اور جزاے خیر عنایت فرمائے-

تقریظ جلیل

افسر شعراے شیریں سخن فخر سخنورانِ گجرات ودکن
معروف ومشہور جناب محمد منظور صاحب منظورؔ
اے امارت وسیادت تضمین، اے صاحب علم وحلم فصاحت وبلاغت تمکین، عالی جاہ رفعت پناہ، والا مناقب مولانا سید نور الدین صاحب سجادہ، مسند آرائے رفاعیہ- جزاکم اللّٰہ خیر وحرسکم اللّٰہ من کل ضیر- حبذا مرحبا صد مرحبا، آفریں بلکہ ہزار آفریں کہ آپ نے بطورِ خاص اس زمانے میں جب کہ اکثروں کے عقیدے بودے ہو گئے ہیں۔ لوگ ایسے خواب غفلت میں سوگئے ہیں کہ بزرگانِ دین و اَولیاے سالکین بلکہ قطب الاقطاب،ائمہ عالی جناب، اہل بیت اطہار، اصحاب کبار، تک کی بزرگی یا خرقِ عادات کا جب کچھ ذکر آتا ہے تو اس کو ایک فسانہ جانتے ہیں اور اس سلسلہ میں کسی کی نہیں مانتے ہیں۔
آپ نے یہ رسالہ ایسا لکھا ہے کہ باید وشاید!، میں نے اس عجالہ کو اوّل سے آخر تک دیکھا۔ اس میں بارہ سوال مع جواب باصواب معتبرکتابوں کے حوالے سے تحریر ہیں۔ پھر اخیر میں ایک فائدہ لکھا ہے جس میں اختصار و خوبی کے ساتھ سیدنا احمد الکبیر الرفاعی کے حالات و کرامات درج ہیں۔
یہ رسالہ ایسے دلائل ساطعہ اور براہین قاطعہ سے پُر ہے کہ مخالفین کو چون و چرا کرنے کی مجال نہیں، کسی کو یاراے قیل وقال نہیں۔ ہم سوائے اس کے اور کچھ نہیں لکھتے کہ باری تعالیٰ آپ کے جد امجد کے طفیل آپکواِس کی جزاے خیرعطا فرمائے۔
(اخیر میں کئی ایک قطعاتِ تاریخ درج تھے جنھیں بخوفِ طوالت حذف کر دیا گیا ہے)

کتابیات

قراٰن کریم۔ ابتدائے نزول : ۶۱۰ء- انتہائے نزول:۹/ذی الحجہ ۱۰ھ / ۶۳۲ء
مسند الطیالسي : سلیمان بن داؤد طیالسی [۲۰۴ھ]
مصنف عبد الرزاق : ابوبکرعبد الرزاق بن ہمام صنعانی [۲۱۱ھ]
مصنف ابن أبي شیبۃ : ابوبکر عبد اللہ بن محمد بن احمد نسفی [۲۳۵ھ]
مسند ابن أبي شیبۃ : ابوبکر عبد اللہ بن محمد بن احمد نسفی [۲۳۵ھ]
مسند امام احمد بن حنبل : امام احمد بن محمد بن حنبل شیبانی [۲۴۱ھ]
صحیح بخاري : امام ابو عبد اللہ محمد بن اسماعیل بخاری [۲۵۶ھ]
المعجم الکبیر : امام سلیمان بن احمد طبرانی [۲۶۰ھ]
المعجم الأوسط : امام سلیمان بن احمد طبرانی [۲۶۰ھ]
المعجم الصغیر : امام سلیمان بن احمد طبرانی [۲۶۰ھ]
صحیح مسلم : امام ابو الحسین مسلم بن الحجاج قشیری [۲۶۱ھ]
سنن ابن ماجہ : امام عبداللہ محمدبن یزیدابن ماجہ قزوینی [۲۷۳ھ]
سنن ابی داؤد : امام ابو داؤد سلیمان بن اشعث [۲۷۵ھ]
الآحاد والمثاني لابن أبي عاصم : ابوبکربن عمروبن ضحاک مخلد شیبانی [۲۸۷ھ]
السنن الکبریٰ للنسائي : امام ابو عبد الرحمن احمد بن شعیب نسائی [۳۰۳ھ]
سنن نسائی : امام ابو عبد الرحمن احمد بن شعیب نسائی [۳۰۳ھ]
مسند أبي یعلی الموصلي : احمدبن علی موصلی [۳۰۷ھ]
مستخرج أبي عوانۃ : یعقوب بن اسحاق اسفرائنی [۳۱۶ھ]
صحیح ابن حبان : ابوالشیخ محمد بن حبان [۳۵۴ھ]
أخلاق النبي لابي الشیخ الأصبہاني : ابو محمد عبد اللہ بن محمد انصاری [۳۶۹ھ]
مستدرک للحاکم : محمد بن عبد اللہ بن حمدویہ حاکم نیسا پوری ابن البیع [۴۰۵ھ]
حلیۃ الأولیاء : ابونعیم احمد بن عبد اللہ اصبہانی [۴۳۰ھ]
مسند الشہاب القضاعي : ابوعبد اللہ محمدبن سلامہ قضاعی شافعی [۴۵۴ھ]
دلائل النبوۃ للبیہقي : ابوبکر احمد بن حسین بن علی بیہقی [۴۵۸ھ]
السنن الکبریٰ للبیہقي : ابوبکر احمد بن حسین بن علی بیہقی [۴۵۸ھ]
شعب الایمان للبیہقي : ابوبکر احمد بن حسین بن علی بیہقی [۴۵۸ھ]
المغني لابن قدامۃ : ابو المعالی بغدادی معروف بہ ابن قدامہ [۴۸۶ھ]
شرح السنۃ للبغوي : ابو محمد حسین بن مسعودبن محمد فراء بغوی شافعی [۵۱۶ھ]
شرح البخاري ابن بطال : ابوالحکم بن زکریا بن بطال برہانی کوفی اشبیلی [۵۴۹ھ]
تاریخ مدینۃ دمشق : علی بن حق دمشقی معروف ب ابن عساکر [۵۷۱ھ]
الروض الأنف : ابوالقاسم عبد الرحمن بن عبد اللہ بن احمد سہیلی [۵۸۱ھ]
المنتظم في تاریخ الأمم : عبدالرحمن بن علی بن جوزی بغدادی [۵۹۷ھ]
العلل المتناہیۃ : عبدالرحمن بن علی بن جوزی بغدادی [۵۹۷ھ]
النہایۃ في غریب الأثر : محب الدین مبارک بن محمد جزری ابن اثیر [۶۰۶ھ]
المحیط البرہاني في الفقہ النعماني : ابوالمعالی محمود بن عمرحنفی ابن مازہ [۶۱۶ھ]
إحکام الأحکام في أصول الأحکام : علی محمدسیف الدین آمدی شافعی[۶۳۱ھ]
ریاض الصالحین : حافظ ابو زکریا یحییٰ بن شرف نووی [۶۷۶ھ]
المنہاج للنووي : حافظ ابو زکریا یحییٰ بن شرف نووی [۶۷۶ھ]
تہذیب الآثار : احمد بن محمد طبری مکی شافعی [۶۹۴ھ]
الإلمام بأحادیث الأحکام : تقی الدین ابو الفتح محمد بن علی ابن دقیق مالکی [۷۰۲ھ]
عیون الأثر في فنون المغازي والشمائل والسیر : ابن سید اندلسی [۷۳۴ھ]
مشکوٰۃ المصابیح : شیخ ولی الدین محمد بن عبد اللہ خطیب تبریزی عراقی [۷۴۲ھ]
تبیین الحقائق شرح کنز الدقائق : فخر الدین عثمان بن علی زیلعی [۷۴۳ھ]
البدایۃ و النہایۃ : حافظ عماد الدین ابوالفداء اسمٰعیل ابن کثیر [۷۷۴ھ]
تحفۃ المحتاج في شرح المنہاج : عمر بن احمدالوادیاشی اندلسی [۸۰۴ھ]
مجمع الزوائد و منبع الفوائد : امام نور الدین علی بن ابی بکر ہیتمی [۸۰۷ھ]
فتح القدیر : محمد بن عبدالواحد کمال الدین حنفی معروف بہ ابن ہمام [۸۶۱ھ]
المبدع شرح المقنع : ابراہیم بن محمد بن عبد اللہ بن محمد بن مفلح صالحی حنبلی [۸۸۴ھ]
نزہۃ المجالس و منتخب النفائس : عبد الرحمن بن عبد السلام صفوری [۸۹۴ھ]
المقاصد الحسنۃ للسخاوي : شمس الدین محمد بن عبد الرحمن سخاوی [۹۰۲ھ]
جمع الجوامع : جلال الدین عبد الرحمن ابوبکر سیوطی [۹۱۱ھ]
المواہب اللدنیۃ بالمنح المحمدیۃ : شہاب الدین احمد قسطلانی [۹۲۳ھ]
سبل الہدیٰ و الرشاد : ابوعبداللہ محمد بن یوسف صالحی شامی [۹۴۲ھ]
مواہب الجلیل في شرح الشیخ خلیل : محمدعبد الرحمن حطاب رعینی [۹۵۴ھ]
البحر الرائق شرح کنز الدقائق : زین الدین ابن نجیم مصری حنفی [۹۷۰ھ]
المطالب العالیۃ : حافظ شہاب الدین احمدبن ابن حجرعسقلانی مکی [۹۷۳ھ]
تخریج أحادیث الإحیاء : حافظ شہاب الدین احمدبن ابن حجرعسقلانی [۹۷۳ھ]
کنز العمال : علاء الدین علی متقی بن حسام الدین ہندی برہانپوری [۹۷۵ھ]
مغني المحتاج إلی معرفۃ ألفاظ المنہاج : محمد بن احمد شربینی مصری [۹۷۷ھ]
نہایۃ المحتاج : محمد بن شہاب الدین احمد انصاری رملی [۱۰۰۴ھ]
فیض القدیر : شمس الدین عبدالرؤف مناوی شافعی [۱۰۳۰ھ]
مدارج النبوۃ : ابومحمد عبد الحق بن سیف الدین بن سعد اللہ محدث دہلوی حنفی [۱۰۵۲ھ]
الدر المختار : علاء الدین محمد بن علی حصکفیدمشقی حنفی [۱۰۸۸ھ]
رد المحتار : سید محمد امین معروف ب ابن عابدین شامی حنفی [۱۲۵۲ھ]
أسنی المطالب : سید محمد بن سیددرویش بیروتی حوت حنفی [۱۲۷۶ھ]
المسند الجامع : ابو الفضل سید ابو المعاطی النوری [۱۴۰۱ھ]
الفتاویٰ الہندیۃ : جمعیت علمائے اورنگ زیب عالم گیر
فتاویٰ مختصر شافي : [ھ]
غایۃ الأوطار ترجمہ در المختار : [ھ]
التخلیص الحبیر في تخریج أحادیث الرافعي الکبیر : [ھ]
روضۃ المحدثین : [ھ]
حاشیتا قلیوبي و عمیرۃ : [ھ]
حاشیۃ الجمل : [ھ]
حاشیۃ البحیرمي : [ھ]
بریقہ محمودیہ فی شرح طریقہ محمدیہ : [ھ]
تحفۃ الأشراف : [ھ]
مسند الصحابۃ في الکتب التسعۃ : [ھ]
فتاویٰ خلیلي : [ھ]

یقول أبو الرفقۃ محمّد افروز القادری الثقافی الجریاکوتی- أدام اللّٰہ لہ سلوک سبیل السنۃ و الجماعۃ - ہٰذا ما وفقني اللّٰہ تبارک و تعالیٰ و أعانني علیہ من وضع ہٰذا الکتاب الذي دأبتُ في ترتیبہٖ و تسہیلہ و تجدیدہ و تہذیبہٖ و تذہیبہ و تحقیقہ و تخریجہ بکل ما في وسعي و طاقتي و ] لاَ یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفْساً اِلاَّ مَا آتٰہَا[ [طلاق : ۷]۔
و إني أسئل اللّٰہ سبحانہ و تعالیٰ أن یجعل عملي ہٰذا و جہدي خالصا لوجہہ الکریم و ہدیۃ الیٰ جناب سیدي رسول اللّٰہ العظیم أنجو بہ من نار الجحیم و ما توفیقي إلا باللّٰہ العظیم علیہ توکلت و إلیہ أنیب۔ قد بدأت عمل التسہیل و التخریج یوم الأربعاء ۲/ ربیع الأول عام -۱۴۳۱؁ ھ- الموافق شہر فبرائر -۲۰۱۰؁ ء - و کان الفراغ منہ -بفضل اللّٰہ و منتہ و توفیقہ و معونتہ- في منتصف یوم الثلثاء ۸/ ربیع الأول عام -۱۴۳۱؁ من الہجرۃ النبویۃ علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ و التحیۃ-، الموافق شہر فبرائر -۲۰۱۰؁ من میلاد المسیح علیہ الصلوۃ و التسلیم-۔
رَبَّنَا لاَ تُؤاخِذْنَا إنْ نَسِیْنَا أو أخْطَأنَا
]تمَّت و بالخیر عمَّت [
٭٭٭
اس کتاب کی مکمل پروف ریڈنگ اور تصحیح نہیں کی جا سکی ہے۔ اس کے متن پر مکمل اعتماد نہ کیا جائے
تشکر: ڈاکٹر محمد مشاہد رضوی جن کے توسط سے فائل کا حصول ہوا
جزوی تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

تحفہ رِفاعیہ