تذکرۂ مجیب
اکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی، مالیگاوں
پیش لفظ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان رحمت والا
مصطفیٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام
علمائے حق کی بابرکت مجالس میں بیٹھنا ان سے اکتسابِ فیض کرناسعادتمندی و فیروز بختی کی علامت ہے۔قرآن میں اللہ رب العزت نے عالمِ با عمل کی فضیلت کو آشکار فرمایا اور سرکارِ دو عالمﷺ کی بکثرت احادیث علم اور علما کے فضائل سے متعلق موجود ہیں۔علما کے حق میں دریاؤں کی مچھلیاں دعائیں کرتی ہیں، عالمِ با عمل کے قلم کی سیاہی شہید کے خون سے سوا مرتبہ رکھتی ہے۔
مفتی مجیب اشرف صاحب قبلہ کی ذاتِ با برکات کسی تعارف کی محتاج نہیں آپ بیک وقت بہت سی خوبیوں کے مالک ہیں، آپ فصیح اللسان خطیب بھی ہیں اور مایۂ باز ادیب بھی، آپ قادر الکلام شاعر بھی ہیں اور زہد و تقویٰ کا پیکر بھی، آپ واقفِ اسرارِ شریعت و طریقت بھی ہیں اور آشنائے رموزِ محبت و حقیقت بھی، آپ کہنہ مشق مفتی بھی ہیں اور بے مثال مدرس بھی، آپ کامیاب منتظم بھی ہیں اور با کردار مہتمم بھی، آپ فقید المثال مناظر بھی ہیں اور حُسنِ اخلاق کے دھنی بھی، آ پ کی بابرکت مجلس میں ایک دو بار حاضر ہونے والا آپ کی پُر کشش شخصیت سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا۔
علمائے حق کا ذکر کرنا اور ان کے حالاتِ زندگی سے لوگوں کو واقف کرانا سلف صالحین کی سنت ہے۔راقم اسی پر عمل کرتے ہوئے پیشِ نظر رسالہ میں عصرِ حاضر کے جلیل القدر فقیہ، مفتیِ اعظمِ مہاراشٹر مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ کہ حیات و خدمات کو اختصار کے ساتھ بیان کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔اس رسالے کو اشاعت سے قبل حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب قبلہ کو اصلاح کے لیے سپرد کیا گیا تھا حضورِ والا نے اس پر نظرِ ثانی فرما کر ضروری ترمیم و اضافہ کر کے اس تذکرہ کو اعتبار کا درجہ عطا کر دیا ہے۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اس رسالہ کو منظرِ عام پر لانے والوں کو حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ و طفیل دارین کی سعادتوں سے بہرہ مند فرمائے(آمین بجاہ الحبیب الامین صلی اللہ علیہ وسلم )
محمد حسین مُشاہدؔ رضوی، مالیگاوں
۱؍رمضان المبارک۱۴۲۹ھ/۲؍ ستمبر ۲۰۰۸ء بروز منگل
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ولادت
حضرت علامہ مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ کی ولادتِ باسعادت آپ کے وطنِ مالوف ’’مدینہ العلما‘‘، محلہ کریم الدین پور قصبہ و پوسٹ گھوسی، ضلع اعظم گڑھ یوپی کے ایک خوشحال علم دوست گھرانے میں مورخہ ۲؍رمضان المبارک۱۳۵۶ھ/۶؍نومبر۱۹۳۷ء بروز سنیچر کو بوقتِ سحر ہوئی۔آپ کے آبا و اجداد میں بہت سارے علما و حفاظ گذرے ہیں۔
٭ نامِ مبارک: محمد مجیب اشرف رضوی
٭ القاب و خطابات:خطیب الہند، اشرف العلما، اشرف الفقہا، شارحِ کلامِ رضا، مفتیِ اعظمِ مہاراشٹر۔
٭ ولدیت: الحاج صوفی محمد حسن اشرفی ابن حافظ جمیع اللہ صاحب علیہم الرحمۃ۔
٭ جدِ امجد:الحاج حافظ احمد صاحب علیہ الرحمۃ (سابق خطیب و امام جامع مسجد کریم الدین پور، گھوسی)۔
٭ نانا محترم:جامع منقول و معقول بحرالعلوم حضرت علامہ و مولانا مفتی محمد صدیق صاحب
رحمۃ اللہ علیہ(برادرِ گرامی و استاذِ محترم سرکار صدرالشریعہ و بانی مدرسہ
اہل سنت مصباح العلوم، مبارک پور، موجودہ جامعہ اشرفیہ)۔
سراپا
رنگ گندمی۔۔ پیشانی کشادہ تقدس کی لکیریں لیے ہوئے۔۔ چہرہ نورانی وجیہ و شکیل سب کی نظروں کا مرکز و محور۔۔ قد نہ بہت لمبا نہ بہت پست بھیڑ میں بھی نمایا ں دکھائی دینے والا۔۔ آنکھیں سرمگیں پیار برساتی ہوئیں ۔۔ سر پر عمامہ کی بہار۔۔ جسم پر جبّہ ۔۔ اور ہاتھوں میں عصا۔۔ الغرض آپ کا سراپا سنتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم میں سانچے میں ڈھلا ہوا معلوم ہوتا ہے۔
تعلیم و تربیت
حضرت مفتی محمد مجیب اشرف صاحب کے دادیہال اور نانیہال دونوں ہی میں بڑے بڑے نامور علما و حفاظ تھے۔ایسے بابرکت ماحول میں آپ کی تربیت و پرورش ہوئی یہی وجہ ہے کہ آپ کے اندر علم و فضل، زہد واتقا اور صبر و عشق کا دریا موجزن ہے۔آپ کی ابتدائی ناظرہ قرآن شریف کی تعلیم خدا رسیدہ بزرگ حضرت میاں جی محمد تقی صاحب علیہ الرحمۃ سے اور اردو، فارسی اور عربی متوسطات کی تعلیم مدرسۂ اہلِ سنت شمس العلوم، گھوسی میں ہوئی۔پرائمری درجہ چار کامیاب کرنے کے بعد اسی مدرسہ میں فارسی کی ابتدائی کتابیں حضرت مولانا سمیع اللہ صاحب علیہ الرحمۃ(امجد نگر، گھوسی) سے پڑھیں۔اس کے بعد کی فارسی کتابیں تین سال تک حضرت مولانا محمد سعید خاں اعظمی علیہ الرحمہ(فتح پور، گھوسی) سے پڑھیں۔علاوہ ازیں عربی کی چند ابتدائی کتابیں اپنے عمِ محترم حضرت مولانا شمس الدین صاحب سے اور باقی کتابیں کافیہ تک حضور شارح بخاری مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمۃ سے پڑھیں۔
۱۹۵۱ء میں حضور حافظِ ملّت علیہ الرحمۃ کے حکم و ایما پر حضرت شارح بخاری علیہ الرحمۃ دارالعلوم فضلِ رحمانیہ، پچیڑوا، گونڈہ، یوپی تشریف لے گئے۔اپنے استاذِ محترم و مکرم کے ساتھ حضرت مفتی محمد مجیب اشرف صاحب بھی دارالعلوم فضلِ رحمانیہ چلے گئے۔یہاں دوسال رہ کر شرحِ جامی تک کی کتابوں کا درس شارح بخاری علیہ الرحمۃ سے حاصل کیا۔اس وقت مذکورہ دارالعلوم میں شہزادۂ صدرالشریعہ حضرت علامہ رضا ء المصطفیٰ امجدی صاحب قبلہ بھی درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے چنانچہ ان سے بھی چند کتابیں پڑھیں۔
۱۹۵۳ء میں شہزادۂ اعلیٰ حضرت حضور مفتیِ اعظم علیہ الرحمۃ کی طلبی پر حضرت شارح بخاری علیہ الرحمۃ بریلی شریف تشریف لے گئے۔حضرت مفتی محمد مجیب اشرف صاحب بھی آپ کے ہمراہ بریلی شریف حاضر ہوئے۔یہاں مرکزی ادارہ دارالعلوم مظہرِ اسلام میں درسِ نظامیہ کی تکمیل کے بعد ۱۹۵۷ء میں سندِ فراغت حاصل کی۔
اساتذۂ کرام
٭ حضور شیخ العلما علامہ غلام جیلانی صاحب قبلہ علیہ الرحمۃ(حضرت کے بڑے ماموں جان)۔
٭ فقیہِ اعظمِ ہند، نائبِ مفتیِ اعظم، حضور شارح بخاری علامہ مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمۃ۔
٭ حضور صدرالعلما علامہ تحسین رضا بریلوی علیہ الرحمۃ(بریلی شریف)
٭ شیخ المعقولات حضرت مولانامعین الدین اعظمی علیہ الرحمۃ
٭ شہزادۂ صدرالشریعہ حضرت علامہ رضا ء المصطفیٰ صاحب امجدی
٭ حضرت محدثِ اعظمی مولانا ثناء اللہ امجدی علیہ الرحمۃ(شیخ الحدیث مظہرِ اسلام، بریلی شریف)
٭ حضرت مولانا محمد سعید خاں اعظمی علیہ الرحمۃ(فتح پور، گھوسی)
٭ حضرت مولانا سمیع اللہ علیہ الرحمۃ(امجد نگر، گھوسی)
٭ حضرت میاں جی محمد تقی علیہ الرحمۃ(کریم الدین پور، گھوسی)۔
ان اجلہ اور اکابر اساتذۂ کرام میں سب سے زیادہ کتابیں حضور شارح بخاری علیہ الرحمۃ سے پڑھیں۔اسی لیے حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب اکثر فرمایا کرتے ہیں کہ حضرت شارح بخاری مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمۃ میرے استاذِ کل ہیں۔آپ نے چند کتابوں کے علاوہ اول تا آخر زیادہ تر کتابیں حضور شارح بخاری سے ہی پڑھیں۔حضور شارح بخاری اپنے اس روحانی فرزندِ ارجمند پر ہمیشہ ناز فرماتے تھے اور کہتے تھے کہ دنیا میں میرا ایک ہی شاگرد مجیب اشرف ایسا ہے جس نے اول تا آخر میرے پاس رہ کر تعلیم و تربیت حاصل کی ہے۔
حضورت شارح بخاری علیہ الرحمۃ کو اپنے اس تلمیذِ رشید پر کتنا ناز تھا اس کا اندازہ اس واقعہ سے لگایا جا سکتا ہے۔مولانا غلام مصطفی قادری برکاتی (بانی و مہتمم دارالعلوم انوارِ رضا، نوساری، گجرات) بیان کرتے ہیں کہ :
’’۱۹۹۲ء میں حضرت استاذِ گرامی مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ عرسِ قاسمی میں شرکت کی غرض سے مارہرہ مطہرہ حاضر ہوئے، بعد نمازِ مغرب صاحبِ سجادہ سرکارِ کلاں حضور مرشدی و مولائی سرکار احسن العلما حضرت مصطفی حیدر حسن میاں صاحب علیہ الرحمۃ سے شرفِ ملاقات کی غرض سے آپ کی مجلس میں حاضر ہوئے۔وہاں پہلے سے شارح بخاری تشریف فرما تھے حضرت والا کو شارح بخاری دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور آپ کا ہاتھ پکڑ کر اپنے پاس بٹھا لیا اور سرکار احسن العلما سے تعارف کراتے ہوئے فرمایا۔
حضور ! یہ مجیب اشرف، حضرت شیخ العلما مولانا غلام جیلانی صاحب اور رئیس الاذکیا مولانا غلام یزدانی صاحب اعظمی کے بھانجے ہیں۔ اور میرا و ہ شاگرد ہے کہ کل قیامت میں میرے رب نے اگر مجھ سے سوال فرمایا کہ شریف الحق کیا لایا ہے؟(یہ کہہ کر حضرت رونے لگے اور بھرائی ہوئی آواز میں فرمایا)تو عرض کر دوں گا مجیب اشرف کو لایا ہوں۔یہ سن کر حاضرین اور خود احسن العلما علیہ الرحمہ کی آنکھیں نمناک ہو گئیں۔ حضور احسن العلما نے اس وقت آپ کے سر اور سینے پر ہاتھ رکھ کر دعائیں دیں۔ ‘‘(مسائلِ سجدۂ سہو، ص۲۴/۲۵)
اس واقعہ سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ حضور شارح بخاری اپنے اس شاگردِ رشید سے کتنی محبت و الفت فرماتے تھے اور آپ کو حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب کے علم و عمل پر کتنا ناز و تمکنت تھا۔
حضور مفتیِ اعظم اور حضور محدثِ اعظم کی خصوصی عنایات
شہزادۂ اعلیٰ حضرت حضور مفتیِ اعظم علامہ مصطفی رضا نوریؔ بریلوی اور حضور محدثِ اعظم ہند علامہ سید محمد اشرفی کچھو چھوی قدس سرہمانے بخاری شریف اور دورے کا امتحان بنفسِ نفیس لیا۔حضور محدثِ اعظم ہند نے آپ کی سند پر بقلمِ خود یہ تحریر رقم فرمائی ’’الحمد للہ المجید کہ حق بحق دار رسید‘‘اور حضور مفتیِ اعظم قدس سرہ نے آپ کو اپنی سندِ حدیث اور اپنا جبّۂ مبارک و دستارِ مقدس عنایت فرمائی۔
علاوہ ازیں حضور مفتیِ اعظم قدس سرہ ہمیشہ آپ کو ’’ہمارے مولانا‘‘ کہہ کر پکارتے تھے۔ اس سے پیر و مرشد کی نگاہ میں آپ کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ازدواجی زندگی
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب کے ماموں جان حضرت رئیس الاذکیا مولانا غلام یزدانی صاحب قبلہ علیہ الرحمہ (شیخ الحدیث دارالعلوم مظہرِ اسلام، بریلی شریف)کی بڑی صاحبزادی محترمہ عزیزہ بانو کے ہمراہ ۱۹۵۲ء میں آپ کا نکاح ہوا اور آپ کے بڑے ماموں جان حضرت شیخ العلما مولانا غلام جیلانی صاحب قبلہ علیہ الرحمہ نے نکاح پڑھایا۔زوجۂ اوّل محترمہ عزیزہ صاحبہ ۱۹۷۱ء میں وفات پا گئیں۔بعد ازاں ۱۹۷۲ء میں حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب کا نکاحِ ثانی محترمہ نجم النساء صاحبہ سے ہوا۔
اولاد و امجاد
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب کی کل پانچ اولاد ہیں جو آپ کی زوجۂ اوّل محترمہ عزیزہ صاحبہ کے بطن سے ہیں۔ان میں ۲؍ صاحبزادے اور ۳؍ صاحبزادیاں ہیں۔ صاحبزادگان الحاج تنویر اشرف رضوی اور حافظ تحسین اشرف رضوی ہیں۔آپ کی صاحبزادیوں کے نام راشدہ، حامدہ اور عابدہ ہیں۔زوجۂ ثانی سے آپ کی کوئی اولاد نہیں ہے۔
اخلاق و کردار
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب کی ذاتِ والا صفات اعلیٰ اخلاق و کردار اور اوصاف و محامد سے متصف ہے۔آپ ایک انتہائی مخلص اور فیض بخش عالمِ دین ہیں۔آپ کے اندر بزرگوں کا ادب و احترام کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے اور چھوٹوں پر نہایت شفیق و مہربان ہیں جو معاصر علما کے لیے مشعلِ راہ ہے۔آپ کی مجلس میں ایک یا دو بار بیٹھنے والا آپ سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا۔آپ ہر ایک سے خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آتے یہی وجہ ہے کہ آپ سے ملاقات کرنے والا آپ کا گرویدہ ہو جاتا ہے۔آپ کی ہر مجلس خواہ و ہ عام ہو یا خاص ۔۔ علمی، ادبی، اصلاحی اور رشد و ہدایت کی باتوں سے لبریز ہوتی ہیں۔آپ کے نزدیک شریعت و سنت کی پاسدار ی و پابندی ہر دوسرے امور پر مقدم و محترم حیثیت رکھتی ہے۔غرضیکہ حسنِ اخلاق، فہم و تدبر، معاملہ فہمی، دوراندیشی، صبر و تحمل میں آپ کا جواب نہیں۔رب عزوجل نے آپ کو سراپا منکسر المزاج، خلیق اور ملنسار بنایا ہے۔
بیعت و خلافت
شہزادۂ اعلیٰ حضرت، آقائے نعمت، حضور مفتیِ اعظم علامہ شاہ محمد مصطفی رضا قادری برکاتی نوریؔ بریلوی رضی اللہ عنہ کے دستِ حق پرست پر زمانۂ طالبِ علمی میں مفتی مجیب اشرف صاحب مورخہ ۲۴؍صفرالمظفر۱۳۷۵ھ بمطابق۱۲؍اکتوبر ۱۹۵۵ء بریلی شریف میں بیعت ہوئے۔اسی روز حضور مفتیِ اعظم قدس سرہ نے سلسلۂ عالیہ قادریہ برکاتیہ رضویہ کے جملہ تعویذات، اوراد و وظائف اور اعمال و نقوش کی تحریری اجازت عنایت فرمائی۔
جب تک حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب بریلی حاضر رہے حضور مفتیِ اعظم قدس سرہ نے آپکی روحانی و عرفانی تربیت فرمائی۔جب حضرت مفتی صاحب قبلہ تعلیم سے فارغ ہو کر ناگ پور تشریف لا چکے تو ۱۳۸۰ھ /۱۹۶۰ء میں حضور مفتیِ اعظم قدس سرہ اپنے روحانی و عرفانی دورے کے سلسلے میں ناگ پور تشریف لائے تو آپ نے علما و عوام کی موجودگی میں مفتی صاحب قبلہ کو بلا طلب و خواہش اپنی خوشی سے سلسلۂ عالیہ قادریہ برکاتیہ رضویہ کی خلافت و اجازت سے نوازا۔
علاوہ ازیں نائبِ مفتیِ اعظم حضور شارح بخاری علامہ مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ نے کل چودہ سلاسلِ طریقت کی خلافت عطا فرمائی اور سلسلۂ شاذلیہ کے مشہور و معروف بزرگ حضرت پیر سید علاوالدین طاہر گیلانی نے ۱۹۸۳ء میں کراچی کی ایک نشست میں سلسلۂ شاذلیہ کی خلافت سے نوازا۔اسی طرح ۱۹۹۱ء میں بارگاہِ غوثِ اعظم بغدادِ معلی میں حضرت مفتی صاحب قبلہ کو حضور غوثِ اعظم کے شہزادے حضرت تاج العلما شیخ عبدالعزیز کے فرزندِ ارجمند فضیلۃ الشیخ حضرت محمد یوسف گیلانی بغدادی نے بھی خلافت و اجازت عطا فرمائی۔
شہزادۂ غوثِ اعظم کی خصوصی عنایت
فضیلۃ الشیخ حضرت محمد یوسف گیلانی بغدادی دام ظلہٗ العالی نے حضرت مفتی صاحب قبلہ کو خلافت و اجازت سے نوازنے کے ساتھ ساتھ تین چادریں عنایت فرمائیں۔جس میں ایک چادر کے بارے میں ارشاد فرمایا کہ یہ غلاف ایک سال تک متواتر حضور غوثِ اعظم رضی اللہ عنہ کے مزارِ مبارک پر چڑھا رہا۔
درس و تدریس
۱۹۵۷ء میں حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب قبلہ نے تعلیم و تربیت سے فراغت پائی اسی دوران وسطی ہندوستان کی مشہور و معروف اور قدیم اسلامی درس گاہ جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگ پور کو ایک لایق و فایق نائب شیخ الحدیث کی ضرورت پیش آئی۔چنانچہ بانیِ جامعہ حضرت فقیہِ ہند مفتی عبدالرشید فتح پوری علیہ الرحمہ نے حضور مفتیِ اعظم قدس سرہ اور شارح بخاری مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ کو خط روانہ فرمایا کہ جامعہ کے لیے ایک قابل اور محنتی نائب شیخ الحدیث روانہ فرمائیں۔دونوں بزرگوں کی نگہِ انتخاب حضرت مفتی صاحب قبلہ پر پڑی اور اس طرح یہ جواں سال، کم عمر عالمِ نبیل و فاضلِ جلیل ناگ پور کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
۱۹۵۸ء میں حضرت مفتی صاحب قبلہ پہلی بار ناگ پور حضرت صدر العلما علامہ تحسین رضا خاں صاحب بریلوی علیہ الرحمہ کے ہمرا ہ تشریف لائے۔اس وقت حضور صدرالعلما رعلیہ الرحمہ جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور کے مہتمم تھے۔
حضرت مفتی عبدالرشید فتح پوری علیہ الرحمہ نے آپکی کم عمری کی بنا پر آپ کو بجائے جامعہ میں رکھنے کے جامعہ عربیہ اسلامیہ کی شاخ ’’کامٹی‘‘ میں منصبِ صدارت پر مقرر فرمایا۔ یہاں آپ نے عہدۂ صدارت پر فائز رہتے ہوئے تشنگانِ علومِ دینیہ کی سیرابی کرتے رہے۔چونکہ کامٹی کے مدرسہ میں اعلیٰ تعلیم کا انتظام نہیں تھا اس لیے آپ نے وہاں دوسال تک تعلیم خدمات انجام دینے کے بعد ۱۹۶۰ء میں استعفیٰ دے دیا اور حضور سیدی مفتیِ اعظم قدس سرہ کی اجازت سے ناگ پور کی کچھی میمن مسجد میں امامت و خطابت کے فرائض انجام دینے پر مامور ہو گئے۔ابھی چند ماہ بھی نہ گزر ے تھے کہ حضرت مفتی عبدالرشید فتح پوری علیہ الرحمہ کو آپ کی اعلیٰ تدریسی صلاحیتوں کا اندازہ ہوا اور آپ نے حضرت مفتی صاحب قبلہ کو جامعہ عربیہ اسلامیہ، ناگ پور سٹی میں نائب شیخ الحدیث کے منصب پر متمکن فرما دیا۔
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگ پور میں حضرت مفتی صاحب قبلہ نے ۱۹۶۰ء سے ۱۹۶۵ء تک باقاعدہ پوری لگن، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔تمام طلبہ پر آپ کا علمی رعب اور دبدبہ تھا۔آپ ایک اچھے مدرس اور بہترین منتظم کی حیثیت سے طلبہ، اساتذہ، انتظامیہ اور شہر یان میں بے پناہ مقبول رہے۔
دارالعلوم امجدیہ کا قیام
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب قبلہ کے اندر قوم و ملت کی فوز و فلاح کی سچی تڑپ اور لگن موجزن ہے اور تعمیری جذبہ آپ کے اندر کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔آپ کی شخصیت خلوص و للہیت کی آئینہ دار ہے۔آپ لمحہ لمحہ ملتِ اسلامیہ کی ترقی و تاب ناکی کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔جب آپ نے بعض وجوہات کے سبب جامعہ عربیہ اسلامیہ سے علاحدگی اختیار کرلی تو اسی جذبہ کے پیشِ نظر ۱۹۶۶ء میں ناگ پور کی سرزمین پر حضور مفتیِ اعظم علامہ شاہ مصطفی رضا نوریؔ بریلوی اور حضور برہانِ ملت علامہ برہان الحق جبل پوری علیہم الرحمۃ والرضوان کی سرپرستی میں ’’دارالعلوم امجدیہ ‘‘ کا سنگِ بنیاد رکھا اور انتہائی محنت اور جاں فشانی سے اس ادارہ کو پروان چڑھایا۔تعمیری کام کی تکمیل کے بعد آپ اسی دارالعلوم میں درس وتدریس کے فرائض انجام دینے لگے۔ تبلیغی اسفار اور زیادتیِ کار کے سبب آپ کا تدریسی سلسلہ اب مستقل جاری نہیں ہے۔فی الحال اس دارالعلوم میں مہاراشٹر، ایم۔پی، آندھرا پردیش، کرناٹک، گجرات، یو۔پی، کشمیر، بہار کے سیکڑوں طلبہ اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔
طریقۂ تعلیم
استاذالفقہا، نائبِ مفتیِ اعظم، شارح بخاری مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ کی آغوشِ تربیت کے پروردہ مفتی مجیب اشرف صاحب قبلہ کا طریقۂ تعلیم و تربیت نہایت عمدہ تھا۔آپ کے پاس اکتسابِ علم کرنے والے علما کا بیان ہے کہ آپ انتہائی خلوص و محبت اور قلبی لگاؤ کے ساتھ شفقت و محبت اور مربیانہ انداز میں اپنے طلبہ کو پڑھاتے تھے۔حضرت مفتی صاحب قبلہ کا مطالعہ اور حافظہ بڑا قوی ہے۔ دورانِ تدریس آپ علم و عرفاں کے بیش بہا نکات عام فہم اور حسین پیرایہ میں پیش فرماتے۔مشکل اور ادق مضامین کو بالکل سہل انداز میں اس طرح سمجھاتے کہ وہ طلبہ کو ذہن نشین ہو جاتا۔بڑی عمدگی اور شائستگی سے آپ طلبہ کو آسان سے مشکل، مثالوں اور حوالوں، واقعات و مشاہدات اور سوالیہ و بیانیہ طریقۂ تدریس سے درس دیا کرتے تھے۔اسباق کی فہمائش کے دوران آپ جن مثالوں کو استعمال فرماتے وہ اپنے آپ میں اتنی منفرد اور اثر دار ہوتیں کہ فہمِ معنی میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا یہاں تک کہ معانی و مفاہیم دل میں گھر کرتے چلے جاتے۔
تفسیر، اصولِ تفسیر، حدیث، اصولِ حدیث، فقہ، اصولِ فقہ اور عربی ادب کی تدریس میں آپ کو خاصی دلچسپی تھی۔ویسے اپنی تدریسی خدمات کے دوران مروجہ نصاب ’’درسِ نظامی‘‘ کے مطابق تمام ہی درجہ کے طلبہ کو مختلف کتابوں کا درس دیتے تھے۔
امجدی مسجد کا قیام
ناگ پور کے محلہ شانتی نگر میں آپ نے ۱۹۸۵ء میں ’’امجدی مسجد ‘‘ کی بنیا د رکھی جو ابھی تعمیر کے مرحلہ سے گذر رہی ہے یہ مسجد ناگ پور کی خوب صورت اور بڑی مسجدوں میں شمار ہوتی ہے۔
دارالعلوم انوارِ رضا نوساری کا قیام
نوساری، گجرات جہاں سنیت کا نام لینا بھی جرم تھا وہاں حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب نے ۱۹۸۸ء میں ’’دارالعلوم انوارِ رضا ‘‘ کی بنیاد رکھی جو ریاستِ گجرات کی ایک اچھی اور معیاری درسگاہ ہے۔جس کی خدمات سے پورا علاقہ مستفیض ہو رہا ہے۔
سرپرستی میں چلنے والے ادارے
٭ جامعہ نوریہ، بالاگھاٹ، مدھیہ پردیش ٭ دارالعلوم رضائے مصطفی، رائچور، کرناٹک
٭ جامعہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ، بنگلور، کرناٹک ٭ دارالعلوم غوثِ اعظم، پوربندر، گجرات
٭ جامعہ اہلسنت صادق العلوم، ناسک، مہاراشٹر٭ دارالعلوم غوثِ اعظم ناسک، مہاراشٹر
٭ دارالعلوم حنفیہ غوثیہ، شیرپور، مہاراشٹر ٭ مدرسۃ البنات الصالحات، ناسک، مہاراشٹر
٭ دارالعلوم انوارِ مصطفی، سدّی پیٹھ، آندھرا پردیش
قلمی خدمات
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب فصیح اللسان خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مایۂ ناز ادیب اور بلند پایہ انشاء پرداز بھی ہیں۔آپ کی کئی تصانیف منظرِ عام پر آچکی ہیں اور بعض منتظرِ طباعت ہیں۔تقریر کی طرح آپ کا طرزِ تحریر انتہائی آسان، سہل اور دل نشین ہے۔جس طرح وہ اپنی تقریر میں مشکل سے مشکل ترین بات بھی مثالوں اور حوالوں کے ذریعہ آسان سے مشکل طریقہ سے بہت ہی سہل کر کے سامعین کے ذہن و قلب میں اتار دیتے ہیں اسی طرح تحریر میں بھی آپ نے بڑے آسان پیرایۂ زبان و بیان میں مشکل سے مشکل مسائل کی گتھیاں سلجھائی ہیں۔آپ کی تصانیف جہاں علما و مشائخ کے لیے ایک اعلا مقام رکھتی ہیں وہیں اسلوب کی سادگی و صفائی کے سبب عوام الناس کے لیے بھی یکسا ں مفید ہیں۔آپ کی تصانیف حسبِ ذیل ہیں۔
٭ تحسین العیادۃ(بیمارپُرسی کی خوبیاں ) : مطبوعہ: مرکزِ اہلسنت برکاتِ رضا، پوربندر، گجرات۔
٭ حضور مفتیِ اعظم پیکرِ استقامت و کرامت : مطبوعہ: آل انڈیا سنی جمیعۃ العلما، مالیگاوں۔
٭ خطباتِ کولمبو: مطبوعہ : رضا اکیڈمی، مالیگاوں۔۲۰۰۲ء میں سری لنکا کے تبلیغی دورے میں ہوئے خطبات کو مجموعہ جسے مولانا نورالحسن رضوی، مدرس مدرسہ فیضِ رضا، کولمبو، سری لنکا نے مرتب فرمایا ہے۔
٭ ارشادالمرشد یعنی بیعت کی حقیقت: مطبوعہ : دارالعلوم انوارِ رضا، نوساری، گجرات۔ستمبر ۲۰۰۴ء کو الجامعۃ الرضویہ انوار العلوم، ہاشمی کالونی، نظام آباد، آندھرا پردیش میں اپنے معتقدین و مریدین کے درمیان ناصحانہ کلمات ادا فرمائے جسے مولانا غلام مصطفی قادری برکاتی نے شائع کیا۔
٭ مسائلِ سجدۂ سہو:مطبوعہ : نوری میڈیکل اسٹورس، ناگپور۔ سجدۂ سہو کے مختلف اہم اور ضروری مسائل پر مبنی معلومات افزا رسالہ جسے حافظ تحسین اشرف (صاحبزادہ حضور اشرف العلما) نے شائع کیا۔
ان تصانیف کے علاوہ آپ کے اور بھی کتب ورسائل ہیں جو طباعت کے منتظر ہیں۔مثلاً:٭ المرویات الرضویہ فی الاحادیث النبویہ: اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدثِ بریلوی کی تصانیفِ مبارکہ میں روایت فرمودہ احادیثِ طیبہ کا عطر مجموعہ جو کہ ۹۰۰؍ صفحات پر مشتمل ہے، (مسودہ)۔
٭ تنویر العین: انگوٹھا بوسی کا شرعی ثبوت، (مسودہ)۔
٭ تابشِ انوارِ مفتیِ اعظم:حضرت مفتی صاحب قبلہ نے اس میں حضور مفتیِ اعظم قدس سرہ سے متعلق اپنے ان مشاہدات کو جمع کیا ہے جو سفر و حضر میں آپ نے اپنے مرشدِ با وقار کی حیاتِ طیبہ کا مطالعہ کرتے ہوئے ملاحظہ کیا، (مسودہ)۔
٭ تنویر التوقیر ترجمہ الصلاۃ علی البشیر النذیر: اس میں درود شریف کے فضائل و فوائد بیان کیے گئے ہیں، یہ ۳۰۰؍ صفحات پر مشتمل ہے، (مسودہ)۔
ان کے علاوہ آپ کے موئے قلم سے نکلے ہوئے ہزاروں فتاوے ہیں جو دارالعلوم امجدیہ، ناگپور کے رجسٹر میں محفوظ ہیں۔
شعر و ادب
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب کو شعر و ادب کا کافی ذوق و شوق ہے۔آپ ایک اچھے سخن سنج، سخ داں، سخن شناس اور سخن کے نکتہ ور ہیں۔شارحِ کلامِ رضا کی حیثیت سے دنیائے سنیت میں مشہور ہیں۔طبیعت موزوں ہے شعر کہتے ہیں اور خوب کہتے ہیں۔لیکن شاعری کی طرف مستقل رغبت نہیں ہے۔البتہ سفرِ حج کے دوران محبوبِ کردگار صلی اللہ علیہ وسلم کے شہرِ پاک مدینۂ منورہ میں عین دربارِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضری کے وقت اکثر نعتیں قلم بند فرمائی ہیں۔ ایسی ۳۰؍۳۵ ؍نعتیں ہیں جو کہ آپ نے مدینۂ طیبہ میں رقم فرمائی ہیں۔ویسے حضرت مفتی صاحب قبلہ نے شاعری کا آغاز زمانۂ طالب علمی ہی میں کر دیا تھا۔چنانچہ ۱۹۵۴ء کے آس پاس جب آپ بریلی میں زیرِ تعلیم تھے یہاں ایک عظیم الشان آل انڈیا طرحی مشاعرہ منعقد ہوا، جس کی صدارت مشہور شاعر شکیل بدایونی کر رہے تھے، مصرعِ طرح تھا’’کس طرح آتا ہے دل اور کس طرح جاتا ہے دل‘‘ مفتی مجیب اشرف صاحب نے بھی اس مصرع پر طبع آزمائی فرمائی اور ایک نعت تحریر کر کے مشاعرہ گاہ پہنچے، مشاعرہ پڑھنے کا موقع ملا، مصرعِ طرح پر آپ نے جو گرہ لگائی تھی اسے سن کر صدرِ مشاعرہ شکیل بدایونی نے آپ کو بہت داد دی اور ۱۰؍ روپے کے انعام سے بھی نوازا، شعر خاطر نشین کریں ؎
میں ازل سے اُن کا دیوانہ ہوں مجھ کو ہوش کیا
’’کس طرح آتا ہے دل اورکس طرح جاتا ہے دل‘‘
غرضیکہ آپ کا کلام بلاغت نظام شعری و فنی محاسن کا لہریں لیتا ہوا ایک دریا ہے۔ جس میں جذبہ و تخیل، معانی آفرینی، پیکر تراشی، ترکیب سازی، محاورات، محاکات، ایجاز و اختصار وغیرہ کے گوہر ہائے آبدار موجود ہیں۔ذیل میں آپ کے چند اشعار پیش ہیں جس میں ایک اچھی اور سچی شاعری کی تمام خوبیوں کی جلوہ گری ہے ؎
عشاق کی یہ بزم ہے تشریف لائیے سرکار اپنا جلوۂ زیبا دکھائیے
ظلم وستم کی دھوپ میں کب تک جلیں گے ہم
لطف و کرم کی چھاؤں میں اب تو بلائیے
صبحِ وطن سے دور شبِ غم نے آ لیا
رنج و الم کے دام سے للہ چھڑائیے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہائے تپش اعمال کی پرسش کوئی نہیں غم خوار
مایوسی کی سخت گھڑی ہے آ جائیں سرکار
سر پہ گنہ کا بوجھ ہے بھاری چلنا ہے دشوار
دستِ کرم کا دے دو سہارا ہو جائیں ہم پار
سخت اندھیرا، وحشت آگیں، تنہائی غمناک
ان کے کرم سے قبر بنے گی جنت کا گلزار
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس کی قسمت پہ نہ کیوں رشک کریں اہلِ نظر
جو لگا تار ہو سرکار میں آتا جاتا
کاش طیبہ کے سفر میں کبھی ایسا ہوتا
موئے تن نعتِ نبی جھو م کے گاتا جاتا
آ پ کی ایک نعت فنی و فکری لحاظ سے انتہائی بلیغ اور معانی آفرینی سے پُر ہے جسکا مطلع یوں ہے ؎
نگاہِ شوق کی تابندگی ترا جلوہ سرِ نیاز کی آسودگی ترا جلوہ
نعت کے علاوہ دیگر اصنافِ سخن میں بھی آپ نے طبع آزمائی فرمائی ہے۔اولیائے کاملین کی شان میں مناقب بھی تحریر کی ہیں۔تاجدارِ کربلا امام حسین رضی اللہ عنہ اور حضور مفتیِ اعظم قدس سرہ کی شان میں لکھی گئیں منقبتیں شعری و فنی محاسن کا اعلیٰ نمونہ ہونے ساتھ ساتھ ایجاز و اختصار اور تراکیب کا مرقع بھی ہے، چند شعر خاطر نشین کریں ؎
صبر و رضا کے ساتھ عبادت کا ذوق ہو ہر دل میں ایسا جذبۂ صادق جگائیے
کرب و بلا میں فاطمہ زہرا کے لعل نے
درسِ وفا دیا ہے نہ اس کو بھلائیے
(منقبتِ امامِ حسین رضی اللہ)
تری نگاہ سے ملتا ہے نورِ قلب و نظر
کہ تو ہے نوری اور نوری میاں کا نورِ نظر
شعورِ پاسِ شریعت، رموزِ راہِ سلوک
تری جناب سے لے کر چلے سب اہلِ نظر
(منقبتِ مفتیِ اعظم قدس سرہ)
مفتی صاحب قبلہ کے دل میں اصلاحِ امت کی سچی تڑپ اور لگن موجزن ہے۔یہی وجہ ہے کہ آپ امتِ مسلمہ کی بدحالی اور پستی پر گریہ کناں ہو جاتے ہیں۔آپ کی نظم ’’طرزِ وفا‘‘ اسی رنگ و آہنگ کے ساتھ قلم بند ہوئی ہے، ذیل میں چند اشعار ملاحظہ ہوں ؎
جب بھی سویا ہے مسلمان کا ایمانی ضمیر
ظلم کی دھوپ میں جلتی رہی اس کی توقیر
ذوقِ سجدہ بھی نہیں، پاسِ شریعت بھی نہیں
خواہشِ نفس نے گردن میں ہے ڈالی زنجیر
بات اپنوں کی ہے، غیروں کی شکایت کیسی
ہم بگڑتے نہیں، گرتی نہیں، برقی شمشیر
سرفروشی کا جنوں، جہدِ مسلسل کا شعور
جب ملا اہلِ خرد کو تو بدل دی تقدیر
حضرت مفتی صاحب قبلہ کے چند نمونۂ کلام آخر میں ملاحظہ فرمائیں۔
حضور مفتیِ اعظم قدس سرہٗ کے ہمراہ گذاری ہوئی مدّت
قطبِ زمانہ، شبیہِ غوثِ اعظم، شہزادۂ اعلا حضرت، حضور مفتیِ اعظم قدس سرہٗ، حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب قبلہ سے بہت الفت و محبت فرمایا کرتے تھے، ہمیشہ آپ کو ’’ہمارے مولانا‘‘ کہہ کر پکارتے تھے۔اولاد کی طرح تعلیم و تربیت پر توجہ فرمائی۔دور د دراز کا سفر فرماتے تو اپنے ہمراہ آپ کو لے جایا کرتے تھے۔حضرت مفتی صاحب قبلہ نے تقریباًتیس برس تک کبھی مسلسل اور کبھی وقفے وقفے سے حضور مفتیِ اعظم قدس سرہٗ کے ہمراہ دینی، تبلیغی و اشاعتی اسفار کیے اور حضور مفتیِ اعظم قدس سرہٗ کی خدمت کرتے رہے۔
حضور مفتیِ اعظم قدس سرہٗ کے چند چشم دید واقعات
حضور مفتی اعظم کے ہمراہ سفر و حضر میں حضرت مفتی صاحب قبلہ نے بسا اوقات حضرت سے خرق عادات واقعات کا ظہور ملاحظہ کیا اور شریعت پر آپ کے انتہائی تصلب کا مشاہدہ بھی کیا، ایسے ہزاروں واقعات میں سے چند ایک ذیل میں خاطر نشین فرمائیں۔
ئ ’’۱۹۷۲ء کی بات ہے حیدرآباد دکن کی مشہور خانقاہ یحییٰ مسکین قاضی ٹولہ میں حضور مفتیِ اعظم تشریف فرما تھے۔حیدرآبادی علما و مشائخ بھی زینتِ محفل تھے۔خانقاہ کے سجادہ نشین حضرت مولانا سید محمد قادری مرحوم و مغفور جن کا ابھی دوسال پہلے انتقال ہوا ان کے کمرے میں یہ سبھی حضرات رونق افروز تھے۔اور مختلف دینی و علمی موضوعات پر آپس میں تبادلۂ خیال ہو رہا تھا۔
اب آگے جو واقعہ ذکر کیا جا رہا ہے اسے توجہ و انہماک سے سماعت فرمائیں۔جس سے حضور مفتیِ اعظم کی جرأت حق گوئی بھی ظاہر ہوتی ہے اور ترکِ نفسانیت اور احتسابِ نفس کا جذبہ بھی آشکار ہو کر سامنے آ جاتا ہے۔جو تقویٰ کی ایک نہایت اعلا قسم ہے۔
محفل میں بیٹھے بیٹھے اچانک حضور مفتیِ اعظم کی نگاہ سامنے کی دیوار کی طرف اٹھی اور آپ نے استغفراللہ۔لاحول ولا قوۃ الا باللہ۔لا الٰہ الا اللہ۔پڑھتے ہوئے سر نیچے جھکا لیا۔چند ہی لمحات کے بعد پھر آپ نے نگاہ اوپر اٹھائی اور توبہ، توبہ، استغفراللہ۔لاحول ولا قوۃ الا باللہ پڑھتے ہوئے دوبارہ سر نیچے جھکا لیا۔
حاضرین دم بخود تھے کہ آخر بار بار ایسا کیوں ہو رہا ہے۔سارے علما و مشائخ بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کی نگاہ سے وہ کون سی چیز اوجھل ہے جس کا حضور مفتیِ اعظم مشاہدہ فرما رہے ہیں اور توبہ و استغفار فرما رہے ہیں۔
اسی عالم میں حضور مفتیِ اعظم کی آواز گونجتی ہے۔کس نے اس کو لگایا۔اتارو پھینکو۔اب جو دیکھا گیا تو اوپر ایک طغرا آویزاں ہے جس پر یہ شعر لکھا ہوا ہے ؎
اچھے تو بخشے جائیں گنہگار منہ تکیں اے رحمتِ خدا تجھے ایسا نہ چاہیے
آپ نے ارشاد فرمایا۔۔ رحمتِ خدا کے ساتھ ایسے نازیبا کلمات کا ستعمال جائز نہیں۔ اس لیے صاحب خانہ(مولاناسید محمد قادری) اس سے توبہ کریں۔
حیدرآبادی تہذیب غالباً اس طرزِ عمل کی روادار نہ تھی اس لیے وہاں کے علما و مشائخ اس جرأتِ حق گوئی کا ناخوش گوار اثر اپنے اوپر محسوس کر رہے تھے۔چار و ناچار صاحب خانہ نے اس طغرا کو نیچے اتارا، اور پھر اپنی اس غلطی پر اظہارِ ندامت و پشیمانی کرتے ہوئے بارگاہِ خداوندی میں توبہ بھی کی۔
اس پورے واقعہ کے دوران حیرت انگیز پہلو اس وقت سامنے آیا جب خود حضور مفتیِ اعظم نے عرض کیا۔آپ لوگ گواہ رہیں میں بھی توبہ کرتا ہوں۔
حاضرین کی سمجھ میں یہ بات نہیں آ رہی تھی کہ آخر اس وقت حضور مفتیِ اعظم سے کون سی غلطی سر زد ہو گئی جس سے وہ اپنی توبہ کا ظہار فرما رہے ہیں۔
اس وسوسہ کا ازالہ فرماتے ہوئے آپ نے فرمایا۔تحریر کا ادب چاہیے اور اس شعر میں چوں کہ رحمتِ خدا کا لفظ بھی شامل ہے جس کا ادب ہر لحاظ سے ضروری ہے۔اور اس لیے کہ میری زبان سے اتارو پھینکو کا جملہ نکل گیا ہے جو خلافِ ادب ہے اس لیے آپ حضرات کو گواہ بنا کر میں بھی توبہ کرتا ہوں۔ پھر فرمایا ۔۔ لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ ۔۔ اس واقعہ سے حضور مفتیِ اعظم کا بے مثل تقوا اور استقامت علیٰ الدین عیاں ہوتی ہے۔جو آج ناپید ہوتی جا رہی ہے۔(۱۰؍نومبر ۱۹۹۱ء، در ناگ پور)
ئ ’’۱۹۵۵ء کی بات ہے حضور مفتیِ اعظم کو لکھنو سے بریلی شریف جانا تھا۔ساتھ میں حضرت مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمۃ اور حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب قبلہ بھی تھے۔
لکھنو ریلوے اسٹیشن پر پہونچے ہی تھے کہ گاڑی نے رینگنا شروع کر دیا۔عجلت میں یہ سبھی حضرات ایک ڈبہ جو سامنے تھا اس میں داخل ہو گئے۔اندر جا کر دیکھا تو سارے مسافر فوجی تھے۔کیوں کہ یہ ڈبہ ہی فوجی تھا۔یہ فوجی اپنے انداز میں کچھ سوئے کچھ بیٹھے تھے۔اور کچھ فوجی تاش کھیلنے میں مصروف تھے۔
حضور مفتیِ اعظم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان فوجیوں سے کہا گیا کہ یہ بزرگ آدمی ہیں آپ لوگ تھوڑی سی جگہ دے دیں تاکہ یہ بیٹھ جائیں، اگلے اسٹیشن پر ہم لوگ اتر جائیں گے۔
اس گزارش پر فوجیوں نے کہا کہ اس ڈبہ میں آپ لوگ کیسے آ گئے یہاں کسی غیر فوجی کی اجازت نہیں۔بہر حال !ایک فوجی نے ناگواری کے ساتھ اپنے پاوں سمیٹتے ہوئے تھوڑی سے جگہ خالی کر دی۔جہاں حضور مفتیِ اعظم تشریف فرما ہوئے۔
فوجی آپس میں پہلے ہی سے کچھ مذہبی گفتگو کر رہے تھے۔درمیان میں سلسلۂ کلام منقطع ہو گیا تھا۔جب گاڑی باقاعدہ چلنے لگی تو انھوں نے پھر اپنی گفتگو کا آغاز کیا اور حضرت عیسیٰ و حضرت مریم علیہما الصلاۃو السلام کی شان میں نازیبا کلمات استعمال کرنے لگے۔
اتنا سننا تھا کہ حضور مفتیِ اعظم جلال کے عالم میں اپنا عصا لے کر اُٹھ کھڑے ہوئے، اور فرمایا خبیث ! چُپ رہ۔حضرت سیدنا عیسیٰ کے بارے میں خبردار اس قسم کے الفاظ نہ بکنا۔
یہ سن کر ایک فوجی نے کہا، بڑے میاں !آپ کیوں غصہ ہو رہے ہیں ہم تو کرسچین (مسیحی)لوگوں کے پرافٹ(پیغمبر ) کے بارے میں کہہ رہے ہیں۔آپ کے پیغمبر محمد صاحب کے بارے میں تو ہم نے کچھ نہیں کہا۔
اس پر حضور مفتیِ اعظم نے فرمایا:عیسائی خبیث ان کو پیغمبر کب مانتے ہیں وہ تو اُن کو خدا کا بیٹا مانتے ہیں۔پیغمبر تو ہم مانتے ہیں، اور ہر پیغمبر کی تعظیم و توقیر ہمارے مذہب میں فرض ہے۔جس طرح ہم اپنے پیغمبر(حضور احمدِ مجتبیٰ ﷺ)کے بارے میں کسی ادنا گستاخی و بے ادبی کو برداشت نہیں کرسکتے۔اسی طرح حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور ان کی والدہ کے بارے میں کوئی نازیبا لفظ سننا گوارا نہیں کر سکتے۔اس لیے اب اپنی زبان بند رکھ۔
اس جواب اور جرأتِ حق گوئی کا ان فوجیوں پر اتنا اثر پڑا اور ان پر ایسی ہیبت طاری ہوئی کہ سب کے سب خاموش اور ششدر ہو گئے اور آپ سے معافی مانگنے لگے۔
پھر ایک فوجی نے پوری برتھ خالی کرتے ہوئے ایک فوجی کمبل اس پر بچھا دیا اور عرض کیا کہ آپ اس پر آرام کریں۔
حضور مفتیِ اعظم نے وہ کمبل اٹھا کر ایک طرف رکھ دیا۔اور اپنے پاس جو بستر تھا وہ بچھا کر اس پر آرام فرما ہوئے۔
جب بریلی اسٹیشن آیا اور گاڑی سے آپ اترنے لگے تو سبھی فوجی ڈبہ سے نکل کر ہاتھ جوڑ کر آپ کو رخصت کرنے لگے۔اور آپ کی عظمت و جرأت کا اعتراف کرتے ہوئے آپس میں آپ کی تعریف و تحسین کرتے رہے۔(تین برگزیدہ شخصیتیں :علامہ یٰٓس اختر مصباحی، ص۳۷/۳۸)
ئ ۱۹۶۴ء میں حضور مفتیِ اعظم علیہ الرحمہ ناگ پور تشریف لائے، ایک روز حاجی شیخ عبدالسبحان صاحب مرحوم رئیسِ اعظم ناگ پور کے مکان پر حضرت کی دعوت کا انتظام تھا۔حضرت والا پروگرام کے مطابق حاجی صاحب کے مکان پر تشریف لائے، اسی محلہ کے قریب اتوارہ ریلوے اسٹیشن کے پاس جناب عبدالعزیز خاں اشرفی مرحوم رہا کرتے تھے، ایک ان کا ملاقاتی غیر مسلم تھا، خاں صاحب کے ساتھ حضرت سے ملنے وہ بھی آیا، حضرت کو دیکھ کر وہ غیر مسلم اتنا متاثر ہوا کہ اسی روز حضرت کے دستِ حق پرست پر کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو گیا، اور دوسرے روز اپنی بیوی اور بچوں کو لے کر حاضرِ خدمت ہوا وہ سب بھی مسلمان ہو گئے۔وللہ الحمد، اس قسم کے کئی واقعات میرے مشاہدے میں ہیں اس مختصر وقت میں سب کو بیان نہیں کیا جا سکتا۔غرض دوسروں کے گھنٹوں کے وعظ و تقریر کا وہ اثر نہیں ہوتا جو صاحبِ کردار کے چہرے کے دیدار کا ہوتا ہے۔
ئ ۱۹۷۲ء میں حضور مفتیِ اعظم علیہ الرحمہ، جناب مرحوم احمد سیٹھ صاحب کی دعوت پر کاکی ناڑہ(آندھرا پردیش)تشریف لے گئے، اس فقیر محمد مجیب اشرف کو بھی ہمرکابی کا شرف حاصل تھا۔
احمد سیٹھ صاحب حضرت کے مرید تھے، لبابین برادری سے تعلق رکھتے تھے، چمڑے کے تاجر تھے، بڑے خوش حال تھے، اصل باشندے کیرالا کے تھے، انھیں کے مکان پر حضرت کا قیام تھا۔ایک برہمن ہندو ان کا کرایہ دار تھا، جب اس کو معلوم ہوا کہ احمد سیٹھ کے یہاں دھرم گروٗ آئے ہیں تو وہ بھی ملنے کے لیے آیا، کاروباری اور گھریلو اعتبار سے وہ ان دنوں بہت پریشان تھا، احمد سیٹھ صاحب اسے لے کر حضرت کی خدمت میں حاضر ہوئے، وہ آکر اطمینان سے بیٹھ گیا، جب حضرت تعویذات سے فارغ ہوئے تو وہ برہمن آگے بڑھا اور بولا سرکار بھگوان سے دُعا کرو کہ میری پریشانی دوٗر کر دے۔اتنا سننا تھا کہ آپ کو جلال آ گیا، فرما یا توبہ کر اللہ کو گالی دیتا ہے، بھگوان کہتا ہے، وہ تو گھبرا گیا، کچھ نہ سمجھ سکاکہ معاملہ کیا ہے، حضرت نے اس کی گھبراہٹ دیکھ کر نرم لہجہ میں فرمایا، سن! بھگوان کے کئی معنی آتے ہیں، بھگ کے معنی طاقت، بھگ کے معنی عبادت، اور بھگ کے معنی عورت کی شرم گاہ کے بھی آتے ہیں، اور ایسا لفظ جس کے معنی اچھے اور بُرے دونوں ہوں وہ اللہ تعالیٰ کے لیے استعما ل کرنا درست نہیں ہے، اس لیے اس کو بھگوان نہ بولا کرو، اس نے پوچھا پھر کیا کہوں، فرمایا ایشور کہو۔اس میں کوئی خرابی نہیں، ایشور کا معنی احکم الحاکمین ہے۔
حضرات! آپ صرف مسلمانوں کی ہی اصلاح نہیں فرماتے تھے، غیرمسلموں کی بھی اصلاح فرماتے تھے بلا جھجھک ان کے سامنے کلمۂ حق پیش فرما دیتے تھے، مصلحتِ وقت کی بنا پر خاموشی اختیار کرنا پسند نہیں فرماتے تھے، اس لیے یہاں بھی آپ خاموش نہ رہے، جو کہنا تھا کہہ دیا، پھر اس کو ایسا کنونس کر دیا کہ کہ ہندی کی چندی کر کے ذہن میں بات بٹھا دی۔اس نے اپنے پنڈتوں سے بھی یہ بات نہ سنی ہو گی، آخر اس نے عہد کیا کہ اب کبھی ایشور کے لیے بھگوان کا شبد نہیں بولوں گا اور کہا کہ ہم کو تو آج تک کسی نے یہ بتایا ہی نہیں، حضرت نے فرمایا وہ خاک بتائیں گے وہ خود ہی گمراہ ہیں، دوسروں کی کیا رہنمائی کریں گے، آج بہت سے مسلمان غیروں کے ساتھ رہ کر ان کی سنی سنائی اللہ تعالیٰ کے لیے بھگوان بولا کرتے ہیں ان کو اس سے باز رہنا چاہیے۔
تبلیغی دورے
حضرت مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ تعلیم سے فراغت پانے کے بعد سے تادمِ تحریر دین و سنیت خصوصاً مسلکِ اعلا حضرت امام احمد رضا کی ترویج و اشاعت اور تحفظ و بقا کے لیے مسلسل دینی و علمی، تبلیغی و اشاعتی اسفا ر کرتے رہتے ہیں اور تشنگانِ علومِ دینیہ و روحانیہ کی سیرابی کا سامان کرتے رہتے ہیں، نہ صرف اندرونِ ملک بل کہ بیرونِ ملک بھی آپ کے تبلیغی اسفار جاری رہتے ہیں۔
اندرونِ ملک اسفار:کرناٹک، آندھراپردیش، گجرات، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، اترپردیش، راجستھان، اڑیسہ، اور تامل ناڈو جیسی ریاستوں کے سیکڑوں اضلاع، شہروں اور چھوٹے چھوٹے دیہاتوں میں آپ کے تبلیغی و روحانی دورے ہوتے رہتے ہیں۔
بیرونِ ملک اسفار: حجازِ مقدس، کویت، مصر، عراق، نیپال، سری لنکا، پاکستان، برطانیہ، دبئی، ساوتھ افریقہ اور بسوئبو وغیرہ ممالک کے مختلف علاقوں میں تبلیغی و روحانی اسفار ہو چکے۔
مناظروں میں شرکت
حضرت مفتی صاحب قبلہ میں جہاں بہت ساری خوبیاں موجود ہیں وہیں ان میں ایک یہ بھی ہے کہ آپ ایک اچھے، کامیاب اور حاضر جواب مناظر بھی ہیں۔باطل عقائد و نظریات کا قلع قمع کرنے کے لیے گستاخانِ رسول(ﷺ)سے آپ کے بہت سارے مناظرے ہوئے ہیں جن میں بفضلہ تعالیٰ و بکرم رسولہٖ الاعلا (ﷺ) آپ کو کامیابی و کامرانی ملی اور دشمنانِ دین و سنیت کو شکستِ فاش کا منہ دیکھنا پڑا۔جھریا، دھنباد(بہار) میں دیوبندیوں سے ہوئے مناظرے میں آپ نے شرکت فرمائی۔بنارس کے بجرڈیہا علاقے میں غیر مقلدوں سے ہوئے حق و باطل کے مناظرے میں آپ شریک رہے۔ناگ پور میں ارشاد دیوبندی اور طاہر گیاوی سے مناظرہ ہوا۔کٹیہار، بہار میں مفتی مطیع الرحمن رضوی اور طاہر گیاوی کے درمیان ہوئے مناظرے میں آپ شریک رہے۔نیز اٹارسی، مدھیہ پردیش میں مفتی مطیع الرحمن رضوی اور دیوبندی مناظر نذر محمد کے درمیان ہوئے مناظرے کی آپ نے صدارت فرمائی۔
حج و زیارتِ حرمین شریفین
حضرت مفتی صاحب قبلہ کو اب تک۲۳ ؍ مرتبہ حج و زیارتِ حرمین شریفین کی سعادت حاصل ہوچکی ہے۔تفصیل ذیل میں ملاحظہ ہوں :
٭ پہلاحج۱۹۸۴ء٭ دوسرا حج۱۹۸۶ء٭ تیسراحج۱۹۸۸ء٭ چوتھاحج۱۹۸۹ء٭
٭ پانچواں حج۱۹۹۱ء٭ چھٹا حج۱۹۹۲ء٭ ساتواں حج۱۹۹۴ء٭ آٹھواں حج۱۹۹۵ء٭
٭ نواں حج ۱۹۹۶ء٭ دسواں حج۱۹۹۷ء٭ گیارہواں حج۱۹۹۸ء٭ بارہواں حج۱۹۹۹ء٭
٭ تیرہواں حج۲۰۰۰ء٭ چودھواں حج۲۰۰۱ء٭ پندرھواں حج۲۰۰۲ء٭
٭ سولھواں حج ۲۰۰۳ء٭ سترھواں حج ۲۰۰۴ء٭ اٹھارھواں حج ۲۰۰۵ء٭
٭ انیسواں حج۲۰۰۶ء٭ بیسواں حج۲۰۰۷ء٭ اکیسواں حج ۲۰۰۸ء٭
٭ بائیسواں حج۲۰۰۸ء ٭ تیسواں حج ۲۰۰۹ء٭
امسال بھی (۲۰۱۰ء) حج و زیارتِ حرمین شریفین کا ارادہ ہے ان شآء اللہ ۔۔ نیز آپ عمرہ کی سعادت سے متعدد مرتبہ مشرف ہو چکے ہیں خصوصاً رمضان المبارک کے مقدس و بابرکت مہینے میں آپ عمرہ کے لیے تشریف لے جاتے ہیں۔اللہ رب العزت جل و علا سے دعا ہے کہ حبیبِ پاک صاحبِ لولاک صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ و طفیل ہمیں بھی حج کی سعادت عطا فرمائے(آمین)
تلامذہ
آپ نے جامعہ عربیہ اسلامیہ کی شاخ کامٹی اور ناگ پور کے علاوہ دارالعلوم امجدیہ ناگ پور میں درس و تدریس کی مسند آراستہ کی جہاں ہزاروں تشنگانِ علومِ نبویہ نے اپنی علمی پیاس بجھائی، مفتی مجیب اشرف صاحب کے تلامذہ کی فہرست کافی طویل ہے یہاں چند مشاہیر تلامذہ کے اسمائے گرامی درج کیے جاتے ہیں۔
٭ حضرت سید محمد حسینی اشرفی مصباحی(ایڈیٹر سنی آواز ناگ پور)
٭ حضرت مولانا عبدالغنی نصیر آبادی علیہ الرحمہ
٭ حضرت مولانا عبدالستار صاحب اندوری
٭ حضرت مولانا مفتی حبیب یار خاں صاحب اندوری
٭ حضرت مولانا مفتی محمد منصور صاحب، جامعہ برکاتِ رضا، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا مفتی نسیم احمد صاحب (رضا دارالیتامیٰ، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا مفتی عبدالواحد جبل پوری المعروف بہ مفتی محمد قاسم جبل پوری
٭ حضرت مولانا شمیم احمد صاحب (شیخ الحدیث منظرِ حق ٹانڈہ)
٭ حضرت مولا نا سید علی ادونی(آندھراپردیش)
٭ حضرت مولانا محمد احسان صاحب(مدرسہ حیدریہ، پوسد)
٭ حضرت مولاناعبدالرشید جبل پوری
٭ حضرت مولانا غلام مصطفی برکاتی(مہتمم انوارِ رضا، نوساری)
٭ حضرت مولانا احسان الرحمن ا بن مفتیِ مالوہ مفتی رضوان الرحمن علیہ الرحمہ
٭ حضرت مولانا سید قمر پیر صاحب (پرنسپل کرنول کالج، آندھرا پردیش)
٭ حضرت مولانا الحاج قلندر صاحب(شیخ الحدیث دارالعلوم رضائے مصطفی، رائچور )
٭ حضرت مولانا الحاج عتیق الرحمن صاحب (مدرس دارالعلوم رضائے مصطفی، رائچور )
٭ حضرت مولانا مفتی عبدالقدیر صاحب (مفتی جامعہ عربیہ اسلامیہ، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا شفیق الرحمن صاحب(شیخ المعقولات دارالعلوم امجدیہ، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا قاری محمد ہارون صاحب (شیخ التجوید دارالعلوم امجدیہ، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا مجیب الرحمن صاحب(مدرس دارالعلوم امجدیہ، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا عبد الرحمن صاحب(مدرس دارالعلوم امجدیہ، ناگپور)
٭ حضرت مولانا خورشید احمد رضوی صاحب (آپ پہلے غیر مسلم تھے اسلام لانے کے بعد حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب قبلہ کی خدمتِ بابرکت میں رہ کر مکمل تعلیم حاصل کی )
٭ حضرت مولانا عبدالحبیب رضوی صاحب (بانی دارالیتامیٰ، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا سید مخدوم صاحب (ادونی)
٭ حضرت مولانا سید عبدالقادر صاحب علیہ الرحمہ
٭ حضرت مولانا حافظ خواجہ علی صاحب مرحوم و مغفور
٭ حضرت مولانا حافظ غلام مصطفی صاحب(مدرس دارالعلوم امجدیہ، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا مفتی محمد نذیر صاحب(ناگ پور)
٭ حضرت مولانا سید محمد صفی صاحب (عربک کالج، اننت پور)
٭ حضرت مولانا محمد علی رائچوری(لکچرر فیض العلوم کالج، گلبرگہ)
٭ حضرت مولاناسید محمد اشرف صاحب رائچوری(فیض العلوم کالج، گلبرگہ)
٭ حضرت مولانافخر الدین صاحب(بانی و مہتمم مدرسہ جواری الفاطمہ، ناگ پور)
٭ حضرت مولانا سید احمد میاں قادری عرف حامد میاں (صدر مدرس رضوان ہائی اسکول، گوکاک، بیلگام) وغیرہم۔
خلفاء
ملک بھر میں آپ کے خلفا پھیلے ہوئے ہیں ان میں ہر کوئی چندے آفتاب چندے ماہتاب ہے، چند مشاہیر خلفا کے نام ملاحظہ ہوں :
٭ حضرت مولا عبدالغنی نصیر آبادی علیہ الرحمہ
٭ حضرت مولانا سید محمد سلیم باپو صاحب(جام نگر، گجرات)
٭ حضرت مولانا عبدالستار ہمدانی صاحب(پوربندر، گجرات)
٭ حضرت مولانا مفتی واجد علی یار علوی صاحب (شیخ الحدیث دارالعلوم حنفیہ سنیہ، مالیگاوں)
٭ حضرت مولانا وقار احمد عزیزی صاحب٭ حضرت مولانا غلام مصطفی صاحب(نوساری)
٭ حضرت مولانا مفتی عابد حسین رضوی صاحب(بہار)
٭ حضرت مولانا محمد احسان الحق صاحب (پوسد)
٭ حضرت الحاج حافظ محمد تحسین اشرف رضوی صاحب (شہزادۂ حضور مفتیِ اعظم مہاراشٹر)
٭ حضرت مولانا مفتی محمد رفیع الزماں صاحب مصباحی(شہزاد پور، یوپی)
٭ حضرت مولانا سید محمد آصف اقبال صاحب(مہتمم مدرسۃ البنات الصالحات، ناسک)
٭ حضرت مولانا محبوب عالم صاحب (جامعہ صادق العلوم، شاہی مسجد، ناسک)
٭ حضرت مولانا عبدالعزیز صاحب(نندوربار)
٭ حضرت مولانا عبدالرشید جبل پوری صاحب(ناگ پور)
٭ حضرت مولانا حافظ سعادت علی صاحب(پوربندر)
٭ حضرت مولانا تفویض عالم صاحب (مالیگاوں )
٭ حضرت مولانا ابولکلام مصباحی صاحب(کریم نگر)
٭ حضرت مولانا جعفر الدین صاحب (ورنگل)
٭ حضرت حافظ حسام الدین صاحب، خطیبِ شہر، ناسک
٭ حضرت مولانا حافظ محمد احسان رضوی صاحب (کولمبو، سری لنکا)وغیرہم۔
مریدین
ملک و بیرونِ ملک آپ سے مریدین کی تعداد ایک محتاط اندازے کے مطابق ایک لاکھ کے لگ بھگ ہے۔مریدین میں مفتیانِ کرام، علما، حفاظ، پروفیسرس، ادبا، شعرا، خاص و عام سبھی شامل ہیں۔
غیر مسلموں کا قبولِ اسلام
آپ کے دستِ اقدس پر اب تک ۷۸؍ افراد اسلام قبول کر چکے ہیں اور ہزاروں افراد باطل عقاید و نظریات سے تائب ہو چکے ہیں۔
اکابر علمائے اہلسنت جن کی زیارت کا شرف آپ کو حاصل رہا ہے
٭ شہزادۂ امام احمد رضا حضور حجۃ الاسلام علامہ حامد رضا خاں بریلوی قدس سرہٗ
٭ حضور صدر الشریعہ علامہ امجد علی اعظمی قدس سرہٗ(مصنف بہارِ شریعت)
٭ حضور ملک العلما علامہ سید ظفر الدین بہاری قدس سرہٗ(مصنف حیاتِ اعلا حضرت)
٭ حضور صدرالافاضل علامہ سید نعیم الدین مرادآبادی قدس سرہٗ (صاحبِ تفسیرِ خزائن العرفان)
٭ حضور مفتیِ اعظم علامہ محمد مصطفی رضا نوریؔ بریلوی قدس سرہٗ(شہزادۂ امام احمد رضا )
٭ حضور شیرِ بیشۂ سنت امام المناظرین علامہ حشمت علی خاں علیہ الرحمہ (خلیفۂ امام احمد رضا )
٭ حضور محدثِ اعظم پاکستان علامہ سردار احمد صاحب رضوی لائل پوری(خلیفۂ حجۃ الاسلام)
٭ حضور مجاہدِ ملّت مولانا محمد حبیب الرحمن صاحب علیہ الرحمہ(رئیسِ اعظمِ اڑیسہ)
٭ حضور محدثِ اعظم ہند علامہ سید محمد اشرفی کچھوچھوی علیہ الرحمہ
٭ حضرت سلطان الواعظین سید احمد اشرف صاحب کچھوچھوی علیہ الرحمہ(خلیفۂ امام احمد رضا)
٭ خطیبِ مہاراشٹر حضرت محبوبِ ملّت مفتی محبوب علیخاں صاحب علیہ الرحمہ (برادرِ شیرِ بیشۂ سنت)
٭ حضور حافظِ ملّت، جلالۃ العلم مولانا عبدالعزیز محدث مرادآبادی(بانی جامعہ اشرفیہ، مبارک پور)
٭ حضرت علامہ قاضی شمس الدین رضوی جون پوری علیہ الرحمہ (مصنف قانونِ شریعت)
٭ حضرت علامہ مفتی عبدالمصطفیٰ اعظمی علیہ الرحمہ (مصنف سیرتِ مصطفی)
٭ حضرت غزالیِ دوراں علامہ سید احمد سعید کاظمی علیہ الرحمہ
٭ نبیرۂ اعلا حضرت مولانا تقدس علی خاں بریلوی علیہ الرحمہ(اردو مترجم مکاشفۃ القلوب)
٭ حضرت مولانا سید خلیل احمد کاظمی علیہ الرحمہ (برادرِ گرامی حضرت غزالیِ دوراں )
٭ شہزادۂ رسول حضور احسن العلما سید حیدر حسن میاں مارہروی قدس سرہٗ
٭ شہزادۂ رسول حضور سید العلما سید آلِ مصطفی سیدمیاں مارہروی قدس سرہٗ
٭ پاسبانِ ملّت علامہ مشتاق احمد نظامی علیہ الرحمہ
٭ مفسرِ اعظم علامہ ابراہیم رضا جیلانی میاں بریلوی علیہ الرحمہ
٭ فقیہ اعظم ہندوستان حضرت مفتی عبدالرشید صاحب علیہ الرحمہ(بانی جامعہ عربیہ اسلامیہ، ناگپور)
٭ شیخ العلما حضرت مولانا غلا م جیلانی میرٹھی علیہ الرحمہ
٭ حضرت مفتی رفاقت حسین کان پوری علیہ الرحمہ
٭ حضرت مولانا مفتی اجمل صاحب سنبھلی علیہ الرحمہ
٭ حضرت مفتی عبدالعزیز صاحب نعیمی فتح پوری علیہ الرحمہ
٭ حضرت مولانا مفتی رضوان الرحمن مفتیِ مالوہ علیہ الرحمہ
٭ حضرت مفتیِ آگرہ عبدالحفیظ صاحب علیہ الرحمہ
٭ حضرت مولانا نظام الدین صاحب الٰہ آبادی علیہ الرحمہ
دیگر سرگرمیاں
حضرت مفتی محمد مجیب اشرف صاحب اپنے تبلیغی اسفار میں اگر کہیں نمازِ مغرب کی امامت فرماتے تو نماز کے بعد مصلیان و حاضرین سے خطاب فرماتے اور اکثر مقامات پر ذکرِ الٰہی کی بابرکت محفل بھی آراستہ فرماتے۔مخلوقِ خدا کا ہجوم آپ کی خدمت میں اپنی پریشانیاں پیش کرنا آپ دعا تعویذ کے ذریعہ لوگوں کی الجھنوں، کلفتوں، پریشانیاں اور کلفتوں کا تدارک فرماتے رہتے ہیں کبھی کبھار ایسا ہوتا کہ لوگ گھنٹوں آپ کی خدمت میں حاضر ہو کر تعویذات و نقوش حاصل کرتے رہتے ہیں۔آپ بیشتر سفر و حضر میں ہی رہتے آرام بہت کم فرماتے مگر ہمیشہ ہشاش بشاش ہی نظر آتے۔اکثر لوگوں نے کبھی آپ کو سیر ہو کر کھانا کھاتے نہیں دیکھا، تقلیلِ کلام(کم بولنا)، تقلیل طعام(کم کھانا)، تقلیل منام، )(کم سونا)، یہ تینوں چیزیں آپکے اندر بدرجۂ اتم موجود ہیں۔
آپ نے صرف درس و تدریس پر ہی اکتفا نہیں کیا بل کہ تجارتی سرگرمیاں بھی جاری رکھیں اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیوی تعلیم بھی دلائی یہی وجہ ہے کہ ناگ پور شہر میں آپ کے تین میڈیکل اسٹورس چل رہے جہاں ریٹیل کے علاوہ ہول سیل دوائیں فروخت ہوتی ہیں۔حضرت مفتی محمد مجیب اشرف صاحب ہر کسی سے نہایت خندہ پیشانی سے ملاقات فرماتے، ایک بار آپ کی خدمتِ بابرکت و فیض بخش میں بیٹھنے والا آپ کا گرویدہ ہو کر رہ جاتا ہے۔آپ ہمیشہ مریدین و متوسلین اور محبین و معتقدین کو خشیتِ الٰہی، عشقِ نبوی ﷺ اور مسلکِ اعلا حضرت پر ثابت قدم رہنے کی تلقین فرماتے رہتے ہیں، آپس میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہ کر مخلصانہ طور پر دینِ متین کی خدمت کرنے کی تنبیہ فرماتے رہتے ہیں۔
جلوسِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اجرا
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب نے ۱۹۶۵ء میں ناگ پور اور ۱۹۷۸ء میں سورت میں جلوسِ عید میلاد النبی ﷺ کا اجرا فرمایا جو کہ تا دمِ تحریر ہر سال محسنِ انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کے یومِ ولادت کے پُر بہار و مبارک و مسعود موقع پر نہایت تزک و احتشام سے نکلتا ہے۔
اقوالِ زرّین
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب ایک با فیض، مخلص بزرگ ہیں، آپ اسلاف کے پیکر ہیں آپ کی مجلس میں خواہ و ہ عام ہو یا خاص علمی گفتگو اور رشد و ہدایت کی باتیں ہوتی ہیں، ان ملفوظاتِ حسنہ اور اقوالِ زرّین کو اگر جمع کیا جائے تو ایک ضخیم کتاب تیار ہوسکتی ہے یہاں حضرت کے چیدہ چیدہ اقوالِ زرّین ملاحظہ ہوں :
٭ حسنِ اخلاق مومن کا زیور ہے اور حسنِ نیت اعمالِ حسنہ کی اساس ہے جس نے ان دونوں کو پالیا وہ کامیاب ہے۔
٭ اچھے منتظم میں تین خوبیاں ضروری ہیں، تحمل، تدبّر اور حسنِ تکلم۔
٭ شریعت پر استقامت اور معصیت پر ندامت مومن کا اصلی جوہر ہے۔
٭ خدمتِ خلق عقل مندی ہے، غفلت شرمندگی ہے۔
٭ بزرگوں کا ادب زندگی کا سرور اور ایمان کا نور ہے۔
٭ انسان کی اچھائی کا مدار مال و دولت اور عیش و عشرت پر نہیں بل کہ دل کی سچائی، ذہن کی صفائی اور کردار کی اچھائی پر ہے۔
٭ جس معاشرہ میں نیک نیتی، روشن خیالی اور حسنِ عمل کی توانائی کی نورانی فضا چھائی ہوئی ہو گی اسی کو اچھا معاشرہ کہا جائے گا۔
٭ پیر ایسا ہو جو مریدوں کے حق میں ماں باپ سے زیادہ شفیق و مہربان ہو، با اخلاق و خوش گفتار ہو، پابندِ شریعت اور متقی و پرہیزگار ہوتا کہ مریدوں میں پیر کی خوبیاں پیدا ہو جائیں اور مرید کی آخرت کامیاب ہو جائے، اور پیری مریدی کا یہی اصل مقصد ہے کہ آخرت سنور جائے۔
٭ جس طرح بدن کی بقا اور اس کی توانائی و طاقت کے لیے اس کو کھلا یا پلایا جاتا ہے، اس کے راحت و آرام کا بھر پور خیال رکھا جاتا ہے اور اس کے دکھ درد کو دور کرنے کی فکر کی جاتی ہے اسی طرح آپ کو اپنی روح کی بھی حفاظت کرنی ہے، طریقت کا سلسلہ دراصل روحانی تربیت اور روح کی طاقت و قوت کی حفاظت و بالیدگی کا ایک پاکیزہ و مقدس سلسلہ ہے۔
٭ نفس کشی کے بغیر طریقت کے راستے پر ایک قدم چلنا ناممکن ہے کیوں کہ نفسِ امّارہ گھر کا بھیدی اور گھر کے اندر کا دشمن ہے، نفسِ امّارہ شیطان کی سواری اور اس کا سب سے بڑا مددگار ہے شیطان جو باہر کا دشمن ہے اسی کے ذریعہ سے آدمی کے بدن میں داخل ہو کر وسوسے ڈالتا ہے نفسِ امّارہ کو اگر کچل دیا جائے تو شیطان کی آدھی طاقت ختم ہو جاتی ہے۔
٭ علم انسان کا جوہرِ اوّل ہے، اس لیے روٹی بوٹی کپڑا، مکان سے پہلے علم کی دولت سے نوازا گیا، کیوں کہ فضیلت کا مدارِ اوّل علم اور صرف علم ہے خواہ اوّلین کا علم ہو یا آخرین کا علم ہو۔
٭ سلام، باہمی اتحاد کی علامت ہے۔سلام آپسی عداوت و نفرت کو ختم کرنے کا موثر عمل ہے۔سلام مسلمان کا مسلمان پر اسلامی حق ہے۔سلام، اللہ و رسول کی رضا کا مبارک سبب ہے، غرض کہ سلام خیر و برکت کا انمول خزانہ ہے۔
خطبات سے چند اہم اقتباسات
حضرت مفتی مجیب اشرف صاحب کے خطبات و مواعظ علما و عوامِ اہل سنت کے لیے سند و معیار کا درجہ رکھتے ہیں آپ کی تقریروں میں دلائل و براہین کے ساتھ ساتھ نئے نئے علمی نکات بھی ہوتے ہیں عقیدہ و عمل کی اصلاح کے لیے آپ بڑی دل سوزی اور وارفتگی کے ساتھ آسان و شیریں الفاظ میں اپنی باتیں پیش کرتے ہیں کہ سامع کے دل میں اترتی چلی جاتی ہیں۔آپ کی تقاریر سے چند اہم اقتباسات ذیل میں پیش کیے جا رہے ہیں۔جو ہمارے ایمان و عمل کی اصلاح کے لیے انتہائی مفید اور کار آمد ہیں۔
’’ ہمارا ایمان ہے کہ اللہ سے بڑا کوئی نہیں، وہی سب سے بڑا ہے، ہر اذان و اقامت میں روزانہ پانچ وقت موذن اس کی بڑائی اور کبریائی کا ببانگِ دہل اعلان کرتا ہے، اللہ اکبر اللہ اکبر، اللہ اکبر اللہ اکبر، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اس کی بڑائی اور کبریائی کے آگے سب سر نگوں ہیں، وہی اللہ ہے وہی کبریا ہے، وہی سب سے بڑا ہے، وہی اللہ اپنے مقامِ کبریائی سے فرماتا ہے اے حبیب اعلان فرما دیجیے، قل متاع الدنیا قلیل کہہ دو!یہ دنیا اور دنیا کے تمام مال و متاع، ساز و ساماں خالقِ کائنات کے نزدیک قلیل تھوڑے ہیں، یہ دنیا کیا ہے؟زمین کے اوپر کی تمام مخلوقات، زمین کے اندر قدرت کے سربہ مہر خزانے، سیال سونا، پٹرول، قدرتی کیمیکل، گیس، بلیک ڈائمنڈ، سلفائیٹ، یورینیم، پہاڑ اور ان میں پائی جانے والی قیمتی دھاتیں، سونا، چاندی، ہیرے جواہرات، پلاٹینیم کی کانیں، سمندر اور سمندر کی گہرائیوں میں پائی جا نے والی کروڑوں مخلوقات لا تعدو لا تحصیٰ نہ جن کو گنا جا سکتا ہے، نہ انسانی عقل ان کو گھیر سکتی ہے، اتنا بڑا پروجیکٹ، تیار کر کے رب العالمین نے انسانوں کے حوالے کر دیا ہے، خلق لکم مافی الارض جمیعاً یہ سب کچھ اللہ نے تمہارے لیے پیدا فرمائے۔یہ نہیں زمین کا پروجیکٹ بنانے کے بعد، ربِ کائنات نے آسمان کو بنایا ثم استویٰ الی السمآء فسوٰ ہن سبع سمٰوٰت وہو بکل شیئٍ علیم پھر آسمان بنانے کا قصد فرمایا تو ٹھیک سات آسمان بنائے وہی ہر چیز کی حکمت کو جاننے والا ہے، چاند سورج ستارے اور آسمانی تمام چیزیں انسانوں کے لیے بنائی گئی ہیں، یہ آسمانی پروجیکٹ اور زمینی کارخانہ کتنا بڑا ہے، کہ آج تک نہ کوئی اس کو ناپ سکا، نہ گن سکا، نہ سمجھ سکا، خدائی پروجیکٹ کو کیا گن سکوگے، اپنے سر کے بال نہیں گن سکتے ہو، تمہاری کاؤنٹنگ مشین، کمپیوٹر کی فلاپی سب فیل ہو جائیں گے، تمام جن وانس مل کر اس کام میں لگ جائیں، عمریں تمام ہو جائیں، مگر اللہ تعالیٰ کی مخلوقات کا شمار نہیں ہوسکتا، اسی عظیم دنیا کو اللہ فرماتا ہے کہ محبوب بتا دیجیے کہ متاعِ دنیا اللہ کے نزدیک تھوڑی ہے، جو رب ساری دنیا دے کر فرمائے کہ جو کچھ میں نے انسانوں کو دیا ہے وہ تھوڑا ہے، وہی رب جب رسول کو عطا فرما رہا ہے تو یہ نہیں فرما رہا ہے کہ اے محبوب ہم نے آپ کو قلیل، تھوڑا، دیا یہ بھی نہیں فرماتا کہ کثیر دیا، یہ بھی نہیں فرماتا کہ اکثر دیا بل کہ فرماتا ہے کہ کوثر دیا سب سے زیادہ، زیادہ سے بہت زیادہ دیا، جب اللہ کے قلیل کو آج تک کوئی نہ جان سکا تو کثیر کو کیسے سمجھے گا، اور جب اس کے کثیر کو سمجھنا محال تو جس کو وہ کوثر فرمائے اس کی کثرت کا کون اندازہ لگا سکتا ہے؟فرشتے، انسان، جن اور ساری مخلوق مل کر اندازہ لگائے تو نہیں لگا سکتی ہے۔یہ ہے محبوبِ رب العالمین کے خزانے کی عظمت و وسعت۔
آیتِ کریمہ انا اعطینٰک الکوثر سید عالم ﷺ کے فضائل و کمالات اور آپ کی نعتوں کا گل دستہ ہے، اعلا حضرت امام احمد رضا علیہ الرحمہ نے اس آیت کا ترجمہ کیا ہے کہ اے محبوب! بے شک ہم نے تمہیں بے شمار خوبیاں عطا فرمائیں، یعنی آپ کو بے شمار فضائل و کمالات عنایت فرما کر تمام مخلوقات جن و انس، فرشتے، اولیا، انبیا سب سے افضل کیا، حسنِ ظاہر بھی دیا، حسنِ باطن بھی، عالی نسبی بھی، نبوت بھی، کتاب بھی، حکمت بھی، علم بھی شفاعت بھی، حوضِ کوثر بھی، مقامِ محمود بھی، امتیوں کی کثرت بھی، دشمنوں پر رعب و ہیبت بھی، اعدائے دین پر غلبہ بھی، فتوحات کی کثرت بھی۔۔ ان کے علاوہ بے شمار نعمتیں اور فضیلتیں جن کی کوئی حد و انتہا نہیں ہے، اے محبوب آپ کا سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا۔ آپ کی اولاد میں بھی کثرت ہو گی آپ کے ماننے والوں سے دنیا بھر جائے گی، جہاں مرا ذکر ہو گا وہیں آپ کی یاد ہو گی، نمازوں میں، اذانوں میں، منبروں پر آپ کا ذکر بلند ہو گا قیامت تک پیدا ہونے والے عالم و واعظ میرے ذکر کے ساتھ آپ کا ذکر کرتے رہیں گے، آپ کے دشمنوں کا نام و نشان مٹ جائے گا، مگر اے محبوب! تم زندہ رہو گے، تمہارا نام زندہ رہے گا، تمہاری یاد زندہ رہے گی، تمہارا ذکر زندہ رہے گا۔‘‘
’’ اگر ایمان کی روشنی چاہتے ہو تو توحید و رسالت دونوں سے وابستگی ضروری ہے اور اس وابستگی اور تعلق میں بڑے احتیاط کی ضرورت ہے، ذرا سی بے احتیاطی ہوئی تو ایمان کا فیوز اڑ جائے گا، بجائے روشنی کے اندھیرا ہی اندھیرا پھیل جائے گا، نہ دونوں کو اس طرح ملاؤ کہ دونوں ہم سر اور برابر ہو جائیں، خالق کبھی مخلوق اور مخلوق کبھی خالق نہیں ہوسکتا، معبود کبھی عبد اور عبد کبھی معبود نہیں بن سکتا، بلا تمثیل جس طرح نیگیٹیو کبھی پوزیٹیو اور پازیٹیو کبھی نیگیٹیو نہیں ہوسکتا، اگر دونوں کو ایک کرو گے تو فوراً فیوز اڑ جائے گا، یوں ہی دونوں میں سے ایک کو الگ کر کے جدا کرو گے تب بھی سارا سسٹم بے کار ہو جائے گا، نہ ہٹاؤ، نہ ملاؤ، اللہ اللہ ہے، نبی نبی ہیں، اللہ اور نبی کو ملا کر برابر کا درجہ دو گے تو ایمان کا فیوز اڑ جائے گا، اور دونوں میں سے ایک کو دوسرے سے ہٹاؤ گے، صرف اللہ کو مانیں گے رسول کو ماننے کی ضرورت نہیں، صرف اللہ کی تعظیم بجا لائیں گے رسول کی عزت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تو ایسا کرنے والا شیطان بن جائے گا۔
جس طرح الیکٹرک کے دونوں تار ایک ساتھ رہتے ہیں، پول سے مین سوئچ اور مین سوئچ سے پلگ اور پلگ سے ہولڈر تک دونوں ایک ساتھ رہتے ہیں مگر اس احتیاط کے ساتھ کہ دونوں ملنے نہ پائیں اور ہٹنے بھی نہ پائیں جب اس احتیاط کے ساتھ کنکشن قائم ہوتا ہے تو سوئچ کو آن کرتے ہی روشنی آ جاتی ہے، کرنٹ سپلائی ہونے لگتا ہے، اسی احتیاطِ کامل کے ساتھ اللہ جل مجدہٗ کی توحید کے ساتھ اس کے رسولِ اعظم ﷺ کی رسالت سے مضبوط وابستگی ضروری ہے پھر نماز کے سوئچ پر نیچے اوپر سر کرو گے روشنی مل جائے گی، اگر فیوز اڑ گیا ہے تو محض سوئچ کو نیچے اوپر کرنا لاحاصل ہو گا، ان گستاخانِ رسول کا کنکشن کٹ چکا ہے یا فیوز اڑ گیا ہے، خالی دکھانے کے لیے سوئچ کو نیچے اوپر کر رہے ہیں، روشنی ندارد، دیکھ لو ان کا چہرہ، انسانیت اور شرافت کی جو تھوڑی بہت روشنی تھی وہ بھی ختم ہو گئی، سوائے نحوست کے کچھ باقی نہ رہا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ایمان کا پاور ہاوس مدینہ منورہ ہے اور ظاہر بات ہے کہ پاور ہاوس سے روشنی اور کرنٹ حاصل کرنے کے لیے سب اسٹیشن سے تعلق اور کنکشن رکھنا ضروری ہے، اجمیرِ معلا، بغدادِ مقدس وغیرہ محبوبانِ خدا کے آستانے مدنی پاور ہاوس کے سب اسٹیشن ہیں اور وہابی ان سے اپنا تعلق رکھنا نہیں چاہتا، اس لیے وہ ایمان کی روشنی سے محروم ہے، دل بھی سیاہ اور چہرہ بھی کالا، اللہ بچائے۔‘‘
’’ دل نیکی، بدی اور اچھائی برائی کی آماج گاہ ہے، اچھے برے کام کے خیالات دل ہی میں پیدا ہوتے ہیں۔قرآن کا ارشاد ہے فالہمہا فجورہا و تقوٰہا پھر اس کی بد کاری اور اس کی پرہیزگاری (کے خیالات)اس کے دل میں ڈالا، یعنی اللہ تعالیٰ نے اچھے برے تمام خیالات کو پیدا کر کے ان کی اچھائیوں اور برائیوں سے انسان کو باخبر کر دیا، اور بتا دیا کہ برے خیالات سے دل کو پاک و صاف رکھو اور اچھے خیالات کو دل میں جماؤ، بٹھاؤ، جس نے اللہ کی اس ہدایت پر عمل کیا وہ بلا شبہہ کامیاب ہو گیا، فلاح پا گیا، اور جس نے اچھے خیالات کے بجائے برے خیالات اور باطل عقیدوں سے دل کو آلودہ کیا، وہ نامراد، خائب و خاسر ہوا، قد افلح من زکٰہا وقد خاب من دسٰہا دوسری جگہ ارشاد فرمایا قد افلح من تزکّیٰ بے شک وہ کامیاب ہو گیا جو صاف ستھرا ہوا، یعنی ایمان لا کر، اسلام قبول کر کے، گندے اور باطل عقیدوں سے توبہ کر کے، ان سے بے زاری کا اعلان کر کے، اپنے قلب و نظر، ذہن و فکر کو پاک و صاف کر لیا، کامیابی، کامرانی اس کا مقدر بن گئی۔
انسانی مشین کی فٹنگ، اورالنگ ریپئرنگ اور اس کو صحیح ڈھنگ سے چلانے کی ٹریننگ دینے کے لیے اللہ تعالیٰ نے دنیا کے مختلف علاقوں میں چھوٹے بڑے ہزاروں سینٹر قائم کر دیے ہیں۔ان کا مرکزی سینٹر اور ہیڈ آفس مدینہ منورہ میں ہے اور نجف اشرف، کربلا، بغداد، اجمیر، کلیر، پاک پٹن، سرہند، مارہرہ اور بریلی وغیرہ اس کی چھوٹی بڑی برانچیں ہیں، اگر یہ معلوم کرنا ہے کہ دل و دماغ کہاں استعمال کیا جائے، کان سے کیا سنا جائے، آنکھ سے کیا دیکھا جائے، ہاتھ سے کیا پکڑا جائے، پاوں کس طرح اٹھائے جائیں، اور ان سب کو کن چیزوں سے بچایا جائے تو ان آستانوں یا ان کے صحیح نمائندوں سے سچی وابستگی قائم کریں، علمائے اہل سنت کی عقیدت کا دامن مضبوطی کے ساتھ تھام لیں، ان شآء اللہ تزکیۂ نفس کے باطنی اور ظاہری اصول و ضابطے معلوم ہو جائیں گے، اور اپنے نفس کی معرفت حاصل ہو جائے گی، اور جب بندہ اپنے نفس کو پہچان لے گا تو رب کو پہچاننا اسے آسان ہو جائے گا۔اسی لیے حدیث شریف میں فرمایا گیا ہے۔من عرف نفسہٗ فقد عرف ربہٗ یعنی جس نے اپنے آپ کو پہچان لیا تو اس نے اپنے رب کو پہچان لیا۔
انسان کو پیدا کیے جانے کا اصلی مقصد کیا ہے؟جب آدمی اس کو اچھی طرح سمجھ لیتا ہے اور اس مقصد کو پورا کرنے میں اپنی مرضی اور خواہشات کو چھوڑ کر صرف اللہ جل مجدہٗ کی ہدایتوں پر جو قرآن میں دی گئی ہیں اس پر ایمان داری اور ثبات قدمی کے ساتھ عمل کرتا ہے اور سید عالم ﷺ کی ذات پر محبت و احترام کے ساتھ کامل اعتماد کر کے آپ کی دی ہوئی گایڈ لائن پر چل پڑتا ہے تو اسی مقام کو حدیث پاک میں من عرف نفسہٗ سے تعبیر کیا گیا ہے۔
جب بندہ اس مقام پر پہونچ جاتا ہے تو اس کا ظاہر و باطن قانونِ خداوندی اور سنتِ محمدی کا مکمل پابند ہو جاتا ہے، اس کے وجود پر شریعت کی مکمل حکمرانی ہوتی ہے، اس کا دل معرفتِ الٰہی اور حبِ رسول کے نور سے معمور ہوتا ہے، دیکھتا ہے شریعت کی عینک سے، سنتا ہے اسلام کے ائیر فون سے، بولتا ہے حق کے اسپیکر سے، چلتا ہے خدائی ہائے وے(صراطِ مستقیم) پر، اعلا حضرت سوپر فاسٹ پر، سوتا ہے سنتِ نبوی کی برتھ پر، اترتا ہے غوث و خواجہ کے پلیٹ فارم پر، استقبال کرنے کے لیے، فرشتے آتے ہیں، تتنزل علیہم الملٰئکۃُ پھر اسے جنت کے عیشِ دوام کی خوش خبری سناتے ہیں، وابشروابالجنۃ پھر دھوم دھام سے جنت کے گیسٹ ہاوس کی طرف لایا جاتا ہے وسیق الذین اتقوا ربہم الیٰ الجنۃ زمرا جب جنت کے گیٹ پر پہونچتا ہے جہاں رضوانِ جنت استقبال کے لیے کھڑا انتظار کرتا ہے، فوراً جنت کا دروازہ کھول دیتا ہے، حتٰی اذا جاؤ ہا و فتحت ابوابہا خازنِ جنت خوش آمدید ویل کم کہتے ہوئے ادب کے ساتھ سلام کرتا ہے وقال لہم خزنتہا سلامُ‘ علیکم طبتم پھر جنت میں ہمیشہ رہنے کی گزارش کرتا ہے، فادخلوہا خٰلدین یہ تزکیۂ نفس کا کامیاب و کامران رزلٹ اور نتیجہ ہے۔‘‘
’’ عام طور پر ہر چیز کے دو رخ ہوتے ہیں tow side ظاہر، باطن، اندر، باہر، insideاور Outsideان دونوں سایڈ میں اصل اور اہم اندر والا حصہ ہوتا ہے، جیسے پھل فروٹ کھانے کے لیے خرید کر لاتے ہیں آم، کیلا، انار وغیرہ اللہ تعالیٰ نے اس کے بھی دو حصے بنائے ہیں، اندر اور باہر، یعنی باطن اور ظاہر، باہر والے حصے کو اندر والے گودے کی حفاظت و نشو و نما کے لیے پیدا کیا گیا ہے۔۔ میں اب آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ فروٹ وغیرہ خرید کر لانے کا مقصد چھلکا کھانا ہے یا اس کا گودا ؟ظاہر ہے اندر کا مغز اور گودا ہی کھانا مقصود ہے، مثلاً آم خرید کر لائے جس کا چھلکا دیکھنے میں بالکل اچھا اور فریش ہے کہیں داغ دھبہ تک نہیں ہے مگر جب اس کو کاٹا گیا تو اندر سڑا ہوا نکلا اور اس میں کیڑے دکھائی دیے تو کیا ایسا پھل جس کا ظاہر رنگین اور صاف ستھرا ہے، اور اندر سڑا ہوا گندا ہے آپ خود یا کسی شریف آدمی کو کھلائیں گے ؟ہرگز نہیں !کوئی اس کو کھانے کے لیے قبول نہ کرے گا، ایسا پھل گھر سے باہر کوڑا کرکٹ کی جگہ یا گندے نالے میں ڈال دیا جاتا ہے۔
اسی طرح مومن کی کامیابی کے لیے دو چیزیں اسلام نے عطا کی ہیں، ایمان اور عمل، ایمان و عقیدہ جو اندر ہوتا ہے نظر نہیں آتا ہے وہی اصل ہے، وہی مغز اور گودا ہے۔رہا عمل تو یہ چھلکے کی طرح نظر آنے والی چیز ہے جو ایمان و عقیدے کی نشو و نما اور حفاظت کے لیے ہے، مقصودِ اصلی نہیں، اگر عمل بہ ظاہر صاف ستھرا، گناہوں کی آلودگی اور داغ دھبوں سے پاک ہے، مگر عقیدہ گندا اور سڑا ہوا ہے، گمراہی کے کیڑے پڑ گئے ہیں، جب ایسے عمل کو اس علیم بذات الصدور مولا کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا جو دلوں کی تمام حرکات و سکنات سے باخبر ہے تو قبول نہ فرمائے گا، انھیں جہنم میں اوندھا کر کے ڈال دے گا، خالی علم اور محنت و مشقت کام نہ آئے گی، عاملۃ ناصبۃ تصلیٰ ناراً حامیۃ عمل کریں، مشقتیں جھیلیں، جائیں بھڑکتے انگارے میں۔‘‘
’’ سرکار ﷺ نے فرمایا کہ خمسُ‘ من عملہن فی یوم کتبہٗ اللہ من اہل الجنۃ من عاد مریضاً و شہد جنازۃ وصام یوماً و راح الیٰ الجمعۃ واعتق رقبۃ جس نے ایک دن میں یہ پانچ کام کر لیے اللہ تعالیٰ اس کو جنتیوں میں لکھ دے گا۔مریض کی عیادت، جنازے میں شرکت، اس دن روزہ رکھنا، جمعہ کی نماز پڑھنی اور غلام کو آزاد کرنا، جس نے ایک ہی دن میں مذکورہ پانچ باتوں پر عمل کر لیا اللہ تعالیٰ ان کی برکت سے اس کو جنت میں شامل فرما لے گا۔
دوسری حدیث میں ہے، حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک دن سید عالم ﷺ نے صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے چار سوال فرمائے: پہلا سوال تھا من اصبح منکم الیوم صائماً تم میں سے کس نے آج روزہ رکھا؟دوسرا سوال تھا من اطعم منکم الیوم مسکیناً کس نے آج مسکین کو کھانا کھلایا ہے؟ تیسرا سوال تھا من تبع منکم الیوم جنازۃ ُ‘ کس نے آج جنازہ میں شرکت کی؟ چوتھا سوال تھا من عاد منکم الیوم مریضاً کس نے آج کسی مریض کی عیادت کی؟ان چاروں سوالوں کے جواب میں سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے عرض کی ’’اَنَا‘‘ میں آج یہ چاروں کام کر کے آیا ہوں۔پھر حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا، ما اجتمعت ہٰذہٖ الخصال قطُّ فی رجلٍ الّا دخل الجنۃ جس مسلمان میں ایک ہی دن میں یہ چار عمدہ خصلتیں جمع ہو جائیں گی وہ ضرور جنت میں جائے گا۔
اسی طرح مسلمانوں سے خندہ پیشانی سے ملنا، اچھی بات کرنا، سلام کرنا، مصافحہ کرنا، تحفہ تحائف بھیجنا، دعوت قبول کرنا، چھینک کر الحمد للہ کہنا، چھینکنے والے کے جواب میں یرحمک اللہ کہنا، بیمار کی عیادت کرنا، جنازے میں شامل ہونا، راستے سے تکلیف دہ چیزوں کو ہٹا دینا، یہ وہ چھوٹے چھوٹے کام ہیں جن پر بڑے بڑے ثواب کا وعدہ کیا گیا ہے۔گناہوں سے مغفرت، درجات کی بلندی، رحمتِ خداوندی کے حصول کا ذریعہ بتایا گیا ہے، یہ چھوٹے کام خیر و برکت کے خزانے ہیں قیامت میں اس کی حقیقت معلوم ہو گی، فمن یعمل مثقال ذرۃٍ خیراًیّرہ۔‘‘
’’ اللہ تعالیٰ نے انسان کے اچھے اور برے اعمال میں تاثیرات رکھی ہیں۔انسان دو طرح کے عمل کرتا ہے، نیک اور بد، اچھا اور برا، انسان کے ان دونوں قسموں کے عمل میں تاثیر پائی جاتی ہے، اچھے عمل کی تاثیر ہے آبادی، خوش حالی اور برے کام کی تاثیر ہے بربادی اور زبوں حالی، جو جیسا کرے گا ویسا بھرے گا، اسی کو کہا گیا ہے ’’جیسی کرنی ویسی بھرنی‘‘ یعنی اچھے اور برے عمل جو انسان سے ظاہر ہوتے ہیں ان کے تاثرات انسانی زندگی پر ہوتے ہیں، جس کے اچھے برے نتیجے خود انسان اپنی آنکھ سے دیکھے گا اللہ تعالیٰ اسی کو فرماتا ہے کہ فمن یعمل مثقال ذرۃٍ خیراًیّرہ ومن یعمل مثقال ذرۃ شراً یرہ۔رئیس المفسرین سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے اس آیت کی تفسیر میں فرمایا کہ ہر مومن و کافر کو قیامت کے دن اس کے اچھے برے اعمال دکھائے جائیں گے، مومن کو اس کی اچھائیاں اور برائیاں دونوں دکھائی جائیں، اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے برائیوں کو بخش دے گا اور نیکیوں پر ثواب عطا فرمائے گا۔اور کافروں کو ان کے اچھے برے اعمال دکھائے جائیں گے مگر ان کی نیکیاں رد کر دی جائیں گی، کیوں کہ کفر کی وجہ سے سب نیکیاں اکارت ہو چکی ہوں گی، اور برائیوں پر ان کو عذاب دیا جائے گا، اور حضرت امام محمد بن کعب قرطبی رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اگر کافر نے ذرہ بھر نیکی کی ہو گی تو اس کا بدلہ دنیا میں ہی دیکھ لے گا، یہاں تک کہ جب مرے گا تو اس کے پاس کوئی نیکی نہ ہو گی، اور مومن اپنے گناہوں کی سزا دنیا میں پالے گا تو پھر آخرت میں اس کے ساتھ کوئی گناہ نہ ہو گا، اس آیت کریمہ میں اس بات کی ترغیب دلائی گئی ہے کہ نیکی تھوڑی ہی کیوں نہ ہو کار آمد اور مفید ہے اور اس بات سے ڈرایا گیا ہے کہ گناہ چھوٹاسا بھی وبالِ جان ہے۔
قرآن نے دو جملوں میں انسانی اخلاقی قدروں کی پاکیزگی اور ناشائستگی کو حسیٖن اور خوب صورت پیرائے میں بیان کر دیا ہے تاکہ انسان اپنے اعمال اور افکار کا سروے کرتا رہے کہ وہ اچھے عمل کر رہا ہے یا برے کام کر رہا ہے، اگر اچھے کام کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سے رحمتوں اور برکتوں کی بشارت کا حق دار ہے، قبر کی وحشت ناکیوں میں اس کو اطمینان نصیب ہو گا، محشر کی کرب ناکیوں میں من مانے چین میں ہو گا، شفیعِ محشر ساقیِ کوثر ﷺ کی شفاعت اس کی مونس و غم خوار ہو گی ان شاء اللہ یہاں بھی خوش حال اور وہاں بھی خوش حال رہے گا، یاد رکھیے نیکیاں اسی کو کام دیں گی، جس کا ایمان و عقیدہ سلامت و محفوظ ہے اگر عقیدہ خراب ہو گیا تو سب برباد ہو گیا۔‘‘
’’ اسلام میں سلام کی بڑی اہمیت ہے۔اسلامی تعلیم سے تھوڑی بہت دلچسپی رکھنے والا اس کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کرسکتا۔سلام، باہمی اتحاد کی علامت ہے۔سلام آپسی عداوت و نفرت کو ختم کرنے کا موثر عمل ہے۔سلام مسلمان کا مسلمان پر اسلامی حق ہے۔سلام، اللہ و رسول کی رضا کا مبارک سبب ہے، غرض کہ سلام خیر و برکت کا انمول خزانہ ہے۔
اللہ رب العزت قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے : فاذا دخلتم بیوتاً فسلموا علیٰ انفسکم تحیۃ من عند اللہ مبارکۃ طیبۃ پھر جب تم کسی کے گھر میں جاو تو اپنوں کو سلام کرو، ملتے وقت( سلام کرنا) اچھی دعا ہے، اللہ کے نزدیک (یہ دعا)بڑی برکت والی، پاکیزہ دعا ہے۔اس آیتِ کریمہ میں ایمان والوں کو اسلامی اخلاق و آداب کی تعلیم دی گئی ہے۔اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو حکم دیا ہے کہ جب تم اپنے گھروں میں جایا کرو تو اپنے اہل و عیال کو سلام کر کے داخل ہوا کرو، ماں، باپ، بیوی، بچے، بھائی، بہن جو بھی سامنے ہو اس کو سلام کرو۔سلام کرتے ہوئے گھر میں داخل ہونا اللہ تعالیٰ کو پسند ہے، اور سلام کے دعائیہ کلمات بڑے پاکیزہ اور برکت والے ہیں، افسوس ! کہ اکثر مسلمان اس برکت والے کام سے غافل ہیں، جب کہ کام آسان ہونے کے ساتھ ساتھ خیر و برکت کا خزانہ ہے، کاش! کہ مسلمان اس پر عمل کرنے لگیں۔
اس آیتِ کریمہ میں فسلموا علیٰ انفسکم فرمایا گیا ہے جس کے معنی یہ ہے کہ اپنوں کو سلام کرو، مفسرین فرماتے ہیں کہ ’’اپنوں ‘‘ سے مراد ایمان والے ہیں۔اس کا صاف مطلب یہ ہوا کہ سلام مومن اور مسلمان کو کیا جائے گا، اگر گھر میں ایسے لوگ ہوں جن کے ایما ن و عقیدے میں خلل آ گیا ہے، انھیں ہرگز سلام نہیں کیا جائے گا۔یاد رکھیے ! اصل رشتہ داری ایمانی رشتہ داری ہے، حضور سیدِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کل مؤمن اخوۃ سب ایمان والے آپس میں بھا ئی بھائی ہیں۔اسلام نے یہاں دور و نزدیک کے فرق کو مٹا دیا ہے، کالے گورے، سماج اور برادری کے اونچ نیچ کو ختم کر دیا ہے۔
سلام کران حضوراقدس ﷺ کو بہت زیادہ پسند تھا، یہاں تک کہ راستہ گزرتے ہوئے آپ بچوں کو سلام کرتے ہوئے تشریف لے جاتے، بخاری شریف اور مسلم شریف میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہٗ مرَّ علی الصبیان فسلَّم علیہم قال کان رسول اللہ یفعلہٗ یعنی حضرت انس رضی اللہ عنہ بچوں کے پاس سے گزرے تو ان بچوں کو سلام کیا، اور کہا کہ حضور اقدس ﷺایسا ہی کیا کرتے تھے، یعنی جب حضور اقدس ﷺ بچوں کے پاس سے ہو کر گزرتے تو آپ خود ہی بچوں کو سلام فرماتے تھے۔
٭٭
نمونۂ کلام حضرت مفتی محمد مجیب اشرف صاحب
مدحتِ سرکار دو عالمِ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم
عشاق کی یہ بزم ہے تشریف لائیے سرکار اپنا جلوۂ زیبا دکھائیے
ظلم وستم کی دھوپ میں کب تک جلیں گے ہم
لطف و کرم کی چھاؤں میں اب تو بلائیے
رہزن کھڑے ہیں تاک میں کوئی نہیں شہا سرکار ان کمینوں سے ہم کو بچائیے
بادِ مخالف تیز ہے دریا ہے باڑھ پر منجدھار میں ہے ناؤ کنارے لگائیے
صبحِ وطن سے دور شبِ غم نے آ لیا رنج و الم کے دام سے للہ چھڑائیے
زار و نزار حاضرِ دربار ہوں شہا قلبِ حزیں سے بوجھ غموں کا ہٹائیے
بردِ یمانی رُخ سے ہتا کر مرے حضور حرماں نصیب ہوں مری قسمت جگائیے
تھوڑی جگہ عطا کریں اشرفؔ کو پاس میں
جامِ غمِ فراق نہ اُس کو پلائیے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کر دیں کرم سرکار تو ہو گا اپنا بیڑا پار
صرف ایک اشارا ہو جائے جنت کو چلیں بدکار
ہائے تپش اعمال کی پرسش کوئی نہیں غم خوار
مایوسی کی سخت گھڑی ہے آ جائیں سرکار
سر پہ گنہ کا بوجھ ہے بھاری چلنا ہے دشوار
دستِ کرم کا دے دو سہارا ہو جائیں ہم پار
جنگل سونا، رات اندھیری، چور بڑے فن کار
ہائے مسافر دم میں نہ آنا رہنا تم ہشیار
سخت اندھیرا، وحشت آگیں، تنہائی غمناک
ان کے کرم سے قبر بنے گی جنت کا گلزار
ہمدم ہمدم کہہ کے پکاروں آس نہ کوئی پاس
آ کے خدارا دے دو سہارا ناؤ لگے منجدھار
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سنتِ سرورِ کونین سے جڑتا جاتا یوں مسلمان، نہ ہرگز کبھی مارا جاتا
مل گیا خیر سے دامانِ کرم کا سایہ
ورنہ اس دھوپ میں سب کچھ مرا جلتا جاتا
شکریہ آپ کی چشمانِ کرم کا مولا ورنہ مظلوم کو ظالم کا ستم کھا جاتا
میری فریاد کو سن لیتے اگر شاہِ امم
سخت مشکل میں بھی جینے کا مزا آ جاتا
میں نے آواز لگائی ہے بڑے درد کے ساتھ آہ بے کس کا مددگار کوئی آ جاتا
اپنے آقا کی محبت کا اگر ہوتا شعور
ہم غلاموں کا کبھی کچھ نہیں ہوتا جاتا
میری قسمت کا ستارا بھی چمک جاتا حضور
خاکِ طیبہ کا کوئی ذرّہ اگر پا جاتا
اس کی قسمت پہ نہ کیوں رشک کریں اہلِ نظر
جو لگاتار ہو سرکار میں آتا جاتا
کاش طیبہ کے سفر میں کبھی ایسا ہوتا موئے تن نعتِ نبی جھوم کے گاتا جاتا
کاش محشر میں کوئی ایسا بھی موقع ملتا
نعت سرکار کی، سرکار میں پڑھتا جاتا
جامِ جمشید کی خواہش نہ زر و مال کی فکر
یوں ہی سرکار میں اشرفؔ رہے آتا جاتا
۔۔۔۔۔۔۔
منقبتِ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ
ہے محفلِ حسین عقیدت سے آئیے سوئے ہوئے نصیب کو اپنے جگائیے
ذکرِ شہیدِ کربلا سنیے سنائیے نامِ حسین سنتے ہی سر کو جھکائیے
پیارے حسینِ پاک سے لَو کو لگائیے
مانگو، نہ مانگو، پاؤ گے تم کو جو چاہیے
حبِّ حسن حسین کو دل میں بسائیے پھر آنکھ بند ہوتے ہی جنت میں جائیے
صبر و رضا کے ساتھ عبادت کا ذوق ہو ہر دل میں ایسا جذبۂ صادق جگائیے
کرب و بلا میں فاطمہ زہرا کے لعل نے درسِ وفا دیا ہے نہ اس کو بھلائیے
پیارے حسین و قاسم و عباس کے طفیل راہِ وفا میں جینا و مرنا سکھائیے
پیارے شہید اکبر و اصغر کا واسطہ کوثر کا جام حشر میں ہم کو پلائیے
کرب و بلا کے سارے شہیدوں کا واسطہ جَور و جفا کی آگ سے ہم کو بچائیے
وہ ہیں خبیث جو کریں توہینِ آلِ پاک
لعنت خدا کی ایسوں سے دھوکا نہ کھائیے
حبِّ حسین حبِّ خدا و رسول ہے
اشرفؔ کا یہ عقیدہ ہے سب کو سنائیے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منقبت سرکار حضور مفتیِ اعظم قدس سرہٗ العزیز
تری نگاہ سے ملتا ہے نورِ قلب و نظر
کہ تو ہے نوری اور نوری میاں کا نورِ نظر
تمہارے کوچۂ نوری کیا شان کیا کہیے
جہاں گدائی کو آتے ہیں کتنے شمس و قمر
فقیہہ و عالم و زاہد بنا دیے کتنے تری نگاہِ تقدس مآب نے اکثر
وہی ہے مفتیِ اعظم وہی ہے ابنِ رضا
خدا کی یاد میں گذرے ہیں جس کے آٹھوں پہر
جو کم نظر ہیں وہ کیا جانیں مرتبہ اس کا
حریمِ شرع میں گذرے ہیں جسکے شام و سحر
شعورِ پاسِ شریعت، رموزِ راہِ سلوک تری جناب سے لے کر چلے سب اہلِ نظر
کرم کی بھیک سے ہم کو بھی کچھ عطا کر دو
بٹے ہیں در سے تمہارے ہمیشہ لعل و گہر
بفیضِ مفتیِ اعظم ہوں اشرفِؔ رضوی
خدا کا شکر کہ بھٹکا نہ میں اِدھر سے اُدھر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نظم : طرزِ وفا
جب بھی سویا ہے مسلمان کا ایمانی ضمیر
ظلم کی دھوپ میں جلتی رہی اس کی توقیٖر
ذوقِ سجدہ بھی نہیں، پاسِ شریعت بھی نہیں
خواہشِ نفس نے گردن میں ہے ڈالی زنجیٖر
بات اپنوں کی ہے، غیروں کی شکایت کیسی
ہم بگڑتے نہیں، گرتی نہیں، برقی شمشیٖر
اُٹھ مسلمان ذرا دیکھ لے رنگِ محفل
ہر طرف پائے گا لٹکی ہوئی ننگی تصویٖر
خود شناسی کا چلن، سنتِ نبوی کی پھبن
مردِ مومن کی روش، اہلِ نظر کی تنویٖر
حوصلہ پست نہ کر واعظِ ناداں میرا
ہوں مسلمان میں، باطن مرا ایمانی خمیٖر
سرفروشی کا جنوں، جہدِ مسلسل کا شعور
جب ملا اہلِ خرد کو تو بدل دی تقدیٖر
ظلم و نفرت کی یہ نگری ہے سنبھل کر اشرفؔ
ہر طرف کرتے چلو، طرزِ وفا کی تشہیٖر
٭ ٭ ٭ ٭ ٭ ٭ ٭ ٭
منظوم نذرانۂ خلوص بحضور علامہ مفتی محمد مجیب اشرف رضوی صاحب قبلہ دام ظلہٗ
نتیجۂ فکر: محمد حسین مُشاہدؔ رضوی، مالیگاوں
علمائے حق کے رہِ بر مفتی مجیب اشرف بحرِ عمل کے گوہر مفتی مجیب اشرف
جو کلمہ گو ہیں سوزِ عشقِ نبی سے عاری
اُن کے لیے ہیں خنجر مفتی مجیب اشرف
رضوی چمن میں نوری نکہت بسی ہوئی ہے
ہیں اس کا اک گلِ تر مفتی مجیب اشرف
پُر پیچ وادیوں میں ہیں راہ بر ہمارے راہِ ولا کے اختر مفتی مجیب اشرف
دیدہ ورو! جو دیکھو انصاف کی نظر سے
اسلاف کے ہیں پیکر مفتی مجیب اشرف
بزمِ سنن کی رونق، مفتیّ دینِ برحق تسکیٖنِ جان مضطر مفتی مجیب اشرف
یہ بے نوا مُشاہدؔ چُپ چاپ تک رہا ہے
لطف و کرم ہو اس پر مفتی مجیب اشرف
٭٭٭
فائل کی فراہمی کے لئے مصنف کے تشکر کے ساتھ
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
تذکرۂ مجیب
ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی
ولادت
حضرت علامہ مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ کی ولادتِ باسعادت آپ کے وطنِ مالوف ’’مدینہ العلما‘‘، محلہ کریم الدین پور قصبہ و پوسٹ گھوسی، ضلع اعظم گڑھ یوپی کے ایک خوشحال علم دوست گھرانے میں مورخہ ۲؍رمضان المبارک۱۳۵۶ھ/۶؍نومبر۱۹۳۷ء بروز سنیچر کو بوقتِ سحر ہوئی۔آپ کے آبا و اجداد میں بہت سارے علما و حفاظ گذرے ہیں۔
٭ نامِ مبارک: محمد مجیب اشرف رضوی
٭ القاب و خطابات:خطیب الہند، اشرف العلما، اشرف الفقہا، شارحِ کلامِ رضا، مفتیِ اعظمِ مہاراشٹر۔
٭ ولدیت: الحاج صوفی محمد حسن اشرفی ابن حافظ جمیع اللہ صاحب علیہم الرحمۃ۔
٭ جدِ امجد:الحاج حافظ احمد صاحب علیہ الرحمۃ (سابق خطیب و امام جامع مسجد کریم الدین پور، گھوسی)۔
٭ نانا محترم:جامع منقول و معقول بحرالعلوم حضرت علامہ و مولانا مفتی محمد صدیق صاحب
رحمۃ اللہ علیہ(برادرِ گرامی و استاذِ محترم سرکار صدرالشریعہ و بانی مدرسہ
اہل سنت مصباح العلوم، مبارک پور، موجودہ جامعہ اشرفیہ)۔
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)