دین و مذہب

تصورِ شیخ

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (9,930 الفاظ)

تصورِ شیخ

عزیز احمد

جاڑوں کے دن تھے۔ میاں واجد نے کرتے کے دامن سے اپنی سڑ سڑ بہتی ہوئی ناک پونچھی۔صدری کا بیچ کا بٹن ٹوٹ گیا تھا۔ ایک ہاتھ اپنی صدری کے اندر ڈال کے جسم کھجانے لگے۔ دوسرے ہاتھ سے خشخشی بالوں سے بھرا ہوا، کالا کیسرو سر کھجایا۔ میاں واجد کی عمر اب کوئی چودہ سال کی ہو گی، مگر ان کے کالے چیچک زدہ چہرے پر جوانی کی بہار صرف کالے بدنما رونگٹوں کی شکل میں نمودار ہوسکی تھی۔

آمنہ باجی ان کی بڑی پھوپھی زاد بہن کی آواز باورچی خانے سے آئی۔ ’’واجد ذرا منہ ہاتھ تو دھو۔ آدمی بنو۔ تمہارے بھائی درگاہ شریف سے آتے ہوں گے.... ارے سکینہ او سکینہ چل بیٹا جلدی سے دسترخوان بچھا۔‘‘

میاں واجد نے پھر آنکھیں ملیں .... صبح اٹھنے اور حوائج ضروری سے فارغ ہونے کے بعد سے اب تک وہ برابر کھجانے اور آنکھیں ملنے میں مصروف تھے۔ پھر باورچی خانے جا کے انہوں نے آمنہ باجی سے گرم پانی مانگا۔ اس نے اپنے ملگجے بادامی دوپٹے سے کیتلی پکڑ کے تھوڑا سا پانی ان کے لوٹے میں ڈال دیا۔ یہ باورچی خانے کے آگے ہی موری کے کنارے پیڑھی بچھا کے دانت مانجھنے لگے اور کوئلے کی سیاہی سے تھوڑی ہی دیر میں ان کے دانتوں کی رنگت بھی ان کے چہرے کی سی ہو گئی۔

یہ موری گھر کے اندرونی آنگن میں بڑی خصوصیت رکھتی تھی۔ باورچی خانے، غسل خانے، پاخانے سب کی غلاظت اسی سے ہوتی ہوئی بہتی تھی اور اس کا رنگ بدلتا جاتا تھا۔ گرمیو ں میں تو خیر اس کی بدبو نا قابل برداشت ہوتی لیکن جاڑوں میں بھی سوائے اس گھرکے رہنے والوں ، مکھیوں اور کلبلاتے ہوئے کیڑوں کے، کوئی اس موری کو نظر بھر کے دیکھ نہیں سکتا تھا۔ غزل کے پہلے اور دوسرے مصرعوں کی درمیانی خالی جگہ کی طرح یہ آنگن کے بیچوں بیچ بہتی تھی اور گرمیوں میں جب پلنگ باہر ڈالے جاتے تو کبھی یہ کسی کے سرہانے بہتی کبھی کسی کے پاس پائنتانے۔ اس گھر کے رہنے والوں کو اس سے مفر نہیں تھا۔ جس طرح شاعر کو قافیے اور ردیف سے نجات نہیں۔

گھر کی ساخت وہی تھی جو وسط یورپی کے دیہاتوں میں عام ہے۔ سڑک کے کنارے دو کمرے تھے۔ جن پر چونا پڑا تھا۔ دونوں صاف تھے۔ دونوں میں تخت بچھے تھے اور تختوں پر گاؤ تکیہ اور چاندنی کا فرش تھا۔ ان میں سے ایک دیوان خانہ تھا، دوسرا مہمان خانہ، دونوں میں ایک بڑا سا دروازہ تھا اور اندر آنے کی گلیاری۔ ان کمروں کے بعد مردانہ صحن آتا تھا، جس میں ایک چبوترہ تھا۔ جس پر گرمیوں میں گرم گرم خاک رہتی اور برسات میں لانبی لانبی گھانس اور طرح طرح کے کیڑے اور کبھی کبھی ایک آدھ گرگٹ۔ سیدھے ہاتھ پر ایک بڑا سا کمرہ تھا۔ اس کے بعد ایک گلیاری جس پر ٹاٹ کا پرانا پھٹا ہوا پردہ پڑا رہتا۔ اس پردے کے بعد زنانہ آنگن تھا، جس میں یہ مشہور و معروف موری بہتی تھی۔ زنانے صحن میں تین طرف دالان تھے اور دالان کے ساتھ دو دو کوٹھڑیاں اور ایک طرف جدھر ٹاٹ کا پردہ تھا، ادھر باورچی خانہ غسل خانہ وغیرہ۔ اسی گھر میں چودہ سال پہلے میاں واجد نے آنکھیں کھولی تھیں۔ ان کی زچگی ایک ان پڑھ گنوار سی دایہ نے کی تھی۔ کسی نے ان کی آنکھوں میں سلور نائٹ ریٹ نہیں ڈالا۔ ان کی ماں اسی زچگی میں سپئی سیمیا ہو کے ختم ہو گئیں۔ گھر بھر کی عورتوں کا عقیدہ تھا کہ ادھر باہر کے آنگن میں جو سوکھا، مردار سا انار کا درخت ہے۔ یہ اس پر رہنے والی پریوں کی کارستانی تھی۔ واجد کے چچا زاد سید بسم اللہ شاہ، معروف پریوں سے زیادہ مشیئت ایزدی کو اپنی بیوی کی ممانی کی اس بے وقت موت کا ذمہ دار قرار دیتے تھے۔ اس گھر میں یا خدا پر عقیدہ تھا یا پریوں ، بھوتوں اور جناتوں پر۔ ابھی تک کوئی انسان سے واقف نہ ہونے پایا تھا۔

درگاہ شریف میں محض، پریوں کا نہیں چڑیلوں کا بھی علاج ہوتا تھا۔ بیسیوں عورتیں دیوانیوں کی طرح قبروں کو پھلانگتی ایک دیوار سے دوسری دیوار تک دوڑتیں اور دیواروں پر دو وہتڑ مارتیں۔ جو زیادہ ’’چڑیل‘‘ قسم کی چڑیلیں تھیں۔ وہ دیواروں اور قبروں سے سر پھوڑتیں۔ اپنے ظالم خاوندوں یا ظالم ترساسوں اور نندوں سے بھاگ بھاگ کر آئی تھیں۔ بعض ڈھونگ رچائے تھیں ، بعض کا ڈھونگ ہسٹریا بن گیا تھا۔ کہیں کہیں وہ ہلکا سا خط عبور ہو گیا تھا جو ہوش اور سچ مچ کی دیوانگی کے درمیان ہے۔ بہت سی عاشقوں کی تلاش میں گھروں سے بھاگ بھاگ کر آئی تھیں۔ یہاں سب کی مراد پوری ہوتی تھی۔ مشرقی دیوار کے قریب ’’کڑھائی‘‘ تھی یہ ایک گڑھا سا تھا۔ جب کوئی چڑیل اس کڑھائی میں جا گرتی، تو حضرت صاحب کے غضب سے جل کر راکھ ہو جاتی اور جس عورت پر اس نے قبضہ کر لیا تھا۔ وہ تھکی تھکائی لیکن بھلی چنگی ہو کر نکلتی۔

سید بسم اللہ شاہ.... حنائی ریش، دو پلی ٹوپی، انگرکھا، چست پاجامہ ہاتھوں میں ارض مقدس کی تسبیح لئے ہوئے درگاہ شریف میں فاتحہ اور درود پڑھ کے گھر کی طرف روانہ ہوئے۔ راستے میں گھسیٹے نے ہاتھ جوڑ کے گھر والی کا حال کہا۔ ’’ھجور تاویج گھول کے پلایا۔ اب تو سسری ذرا ٹھیک ہے۔‘‘ سید بسم اللہ شاہ نے تسبیح پڑھتے پڑھتے سر کے اشارے سے ’’اچھا‘‘ کہا اور اسی طرح وظیفہ میں مشغول گھر کی طرف بڑھتے گئے۔ گھسیٹا اپنا لٹھ لئے، جس کے سرے پر تارکول چڑھا ہوا تھا۔ مودبانہ پیچھے پیچھے چلا۔ تسبیح پر وظیفہ ختم کر کے سید بسم اللہ شاہ معروف اس سے مخاطب ہوئے، ’’اچھا گھسیٹے جا، دو رکعت نماز شکرانہ ادا کر۔ دو پیسے کی کھٹیا، دو پیسے کے بتاشے فاتحہ دے کے درگاہ شریف میں چڑھا آ !‘‘

جب گھر پہنچ کے سید بسم اللہ شاہ ناشتہ کرنے دسترخوان پر بیٹھے اور پراٹھے اور گائے کے گوشت کے کوفتے سرجھکائے کھا رہے تھے تو ان کی بیوی آمنہ نے چھوٹے ماموں زاد بھائی واجد کی شکایت کی۔ ’’خدا کے لئے اسے آدمی بنائیے۔ کچھ پڑھائیے لکھائیے صاحبزادے ماشاءاللہ سے اتنے بڑے ہو گئے کب تک اس طرح ہلمبے لگاتے رہیں گے۔ نرے خل بترے، نہ بات کرنے کی تمیز نہ اور کسی بات کا سلیقہ۔‘‘

واجد سر جھکائے پراٹھے اور کوفتے کھاتا رہا اور جب اس کے حصے کے پراٹھے ختم ہو گئے تو اس نے باسی چپاتیوں سے باقی ماندہ کوفتے کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ آمنہ کے اس طرف سکینہ چپ چاپ بیٹھی لقمے توڑ رہی تھی۔ اس کی گہری سانولی رنگت اور چھوٹے سے دہانے پر پسینے کے قطرے نمودار تھے۔ وہ میاں واجد کی بیوی بننے والی تھی۔ اسے میاں واجد سے گھن نہیں آتی تھی، شرم ضرور آتی تھی۔ اپنی بڑی آپا سے میاں واجد کی شکایت سن کر اس کے ملگجے لہریا دوپٹہ کے نیچے اس کے سینے میں خفیف سا ہیجان پیدا ہوا جس کا مقصد کچھ نہ تھا، محض اعصابی ہیجان تھا۔

سید بسم اللہ شاہ نے اس روز سے ارادہ کر لیا کہ اب میاں واجد کی واقعتاً تربیت ہونی چاہئے۔ ان کو تربیت دینے کے دو طریقے تھے۔ ایک تو یہ کہ بس اب شادی کر دی جائے۔ سکینہ کا تیرھواں ہی سال تھا۔ مگر خیر دو ایک مہینے میں جوان ہو جائے گی۔ ذرا پاؤں میں بیڑی پڑے تو خود میاں واجد کو ذمہ داری محسوس ہو گی۔ دوسرے یہ کہ ان کی روحانی تربیت ہو۔ حقے کی دو تین چلمیں خالی کر کے سید بسم اللہ شاہ معروف نے طے کیا کہ اب میاں واجد ان کی بیعت کر سکتے ہیں ، ان کی اپنی کوئی اولاد نہیں تھی۔ سجادگی انہیں بیوی کے خاندان سے ملی تھی۔ اب اچھا یہی ہے کہ یہ بیوی ہی کے خاندان کو واپس چلی جائے۔ لیکن اس کے لئے میاں واجد پر کتنی کڑی محنت کرنی ہو گی۔ کتنی توجہ کرنی ہو گی۔ اس کا بھی حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف کو پورا احساس تھا۔

حقہ پی کر انہوں نے لانبا پیچ دار نیچہ ایک طرف رکھ دیا اور ملازم سے جو ان کے پیر دبا رہا تھا کہا۔ ’’کلو، حقے کو تازہ کر کے لائیو اور طاق میں ادھر جو دو تین پتلی پتلی کتابیں رکھی ہیں نا، ذرا مجھے لا دیجیو۔‘‘

کلو نے دارا شکوہ کے رسائل، حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف کو لا دیئے۔ وہ ان رسائل کا رد لکھ رہے تھے کہ ان میں بجز الحاد و زندقہ کے اور کچھ نہ تھا۔ انہوں نے قلم تراش سے قلم کی نوک ٹھیک کی، بادامی کاغذ سامنے رکھ کے، بسم اللہ کہہ کے عینک لگائی اور شاہزادہ دارا شکوہ کی مجمع البحرین کو پڑھنا شروع کیا۔

’’فقراءہند کے نزدیک برہما یعنی جبرائیل علیہ السلام کی عمر اور برہماندہ کے باقی رہنے کی مدت دنیا کے اٹھارہ انج سال ہے۔ ہر ایک انج ایک ہزار سال کا ہوتا ہے۔‘‘

سید بسم اللہ شاہ نے ’’نعوذ باللہ‘‘ کہہ کے بادامی کاغذ پر اس فقرے کے رد میں دو تین سطریں لکھیں اور پھر وہ سوچ میں پڑ گئے۔ اب ان پر بسط کا عالم طاری ہونے کو تھا۔ قبض کی کیفیت دور ہوتی جا رہی تھی۔ کلو نے حقہ لا کے رکھ دیا۔ بے خیالی میں انہوں نے نیچہ اٹھایا اور ایک ہلکا سا کش لے لیا۔ اب اُردو اور فارسی اساتذہ کے اشعار ذہن کے ایک لاجوردی بحر ذخار میں آبدار موتیوں کی طرح چمک جاتے اور روح کی گہرائیوں میں جوت سی جگا جاتے۔ مجاز کے تمام پردے چاک چاک تھے۔ یہ پری محل والے دارا شکوہ کے اٹھارہ انج اور اٹھارہ ہزار سال۔ اس کافر منش صوفی نے وقت کی ابدیت کی کیا تحقیر کی ہے۔دہر کو برا ہمت کہو، دہر خدا ہے۔ دہر جز جلوہ یکتائی معشوق نہیں۔ آزاد کی آب حیات والے مرزا مظہر جان جاناں ابدیت کے لاجوردی بحر بیکراں میں معلوم نہیں غرق ہو گئے۔ ان کا ایک شعر البتہ آغوش صدف سے جھانک رہا تھا، جیسے سانپ کامن، جیسے اندھیرے میں کوہ نور۔

خدا کے واسطے اس کو نہ ٹوکو یہی ایک شہر میں قاتل رہا ہے

اپنے گھنٹے پر ہاتھ مار کے سید بسم اللہ شاہ معروف تڑپ گئے۔ ’’ہا،ہا ! کیا بات کہہ دی ظالم نے کیا بات کہہ گیا ظالم۔کیا شعراءاسے نصیب ہو گا۔‘‘ اور اس کے بعد اس ظالم بسط میں خود ان پر وجد کی کیفیت طاری ہو گئی۔ اب وہ سید بسم اللہ شاہ کم تھے اور حضرت معروف بجولوی زیادہ۔ قافیوں کا سیلاب تھا کہ آتا چلا جا رہا تھا آمد ہی آمد تھی۔ وجد ہی وجد تھا۔ بسمل رہا ہے، دل رہا ہے، قاتل رہا ہے، محفل رہا ہے، خاموشی ساحل رہا ہے، دوری منزل رہا ہے، آب و گل رہا ہے۔ ہر طرف انبساط ہی انبساط تھا۔ نشاط ہی نشاط۔ روح کا رقص اور وجدان۔ ردیف اور قافئیے اور عروض اور تشبیہات اور لف و نشر مرتب کے ذریعہ ذرہ آفتاب سے قطرہ دریا سے ہمکنار ہو رہا تھا۔ فنا تھی۔ لیکن اس میں بھی کیف نشاط تھا۔

حضرت سید بسم اللہ شاہ صاحب کو بجولی شریف کی درگاہ کے سجادہ نشین کی حیثیت سے تو صرف کانپور کے آس پاس کے قصبوں کے شرفا جانتے ہوں گے لیکن بحیثیت شاعر جہاں کہیں اُردو بولی اور اُردو غزل گائی جاتی تھی، ان کا نام سب کی زبان پر تھا۔ ان کا شمار چوٹی کے شعراء میں تھا۔

آٹھ دس ماہ بعد میاں واجد کی شادی سکینہ سے ہو گئی۔ یہ سکینہ جو شادی سے پہلے، آمنہ باجی کی طرح ان کی پھوپھی زاد بہن تھی، ان سے عمر میں سال بھر چھوٹی تھی۔ چیچک نے میاں واجد کے مقابل اس پر رحم کیا۔ اسے لڑکی سمجھ کے صرف اپنے ہلکے سے لمس سے ایک دو چھوٹے سے نشان چھوڑ کر چل دی۔ کسی ارضی اور سماوی آفت نے اس چھوٹی سی ،میٹھی میٹھی، سانولی بلکہ ذرا کالی کالی صورت کو بگاڑا نہ تھا۔ جب شادی ہو گئی تو سکینہ کے سلمے ستارے کے بھاری کام کے پائینچے دار غرارے اور لچکے سے لدی ہوئی ریشمی اوڑھنیاں میاں واجد کے لئے علم جمالیات کا دفتر کھولنے لگیں۔ اب تمام تر حسن ایک ریشمی غبار تھا جس میں ریشم ہی ریشم تھا، ملبوس کا، جلد کا ریشم، آواز کا تنفس کا ریشم، پسینے کی ٹھنڈک کا، دل کی دھڑکن کا ریشم۔ اب میاں واجد کا شعور بیدار ہوا۔ حواس خمسہ بیدار ہوئے۔ ان کی ناک جو آنگن کی گندی موری کی طرح بہتی تھی۔ اب اطمینان سے اکیلے ہی سڑ سڑ کر لیتی۔ ورنہ وہ بھی اب محتاط اور متین ہو گئی تھی۔

میاں واجد کو اپنی چھوٹی ننھی سی دلہن سے عشق تھا۔اگرچہ اب تک عشق کا ذکر انہوں نے زیادہ تر شعراء کے دیوانوں ہی میں پڑھا تھا، جن کا حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف کے دیوان خانے کے ہر طاق پر انبار لگا تھا۔یہ عشق کیا تھا، اگر کوئی میاں واجد سے پوچھتا تو وہ شاید کھسیانے ہو کر ہیں ہیں کرنے لگتے۔ مگر انہیں یقین تھا کہ اس قسم کی محبت میں جو انہیں اپنی چھوٹی سی ریشمی بیوی کے ساتھ ہے اور باقی ہر طرح کی محبت میں بڑا فرق ہے۔ ان پر خطوط اور رنگ کے آہنگ کا راز منکشف ہونے لگا تھا۔ انہیں محسوس ہونے لگا تھا کہ جسم سے وابستہ اور جسم سے ماورا ایک کشش ہوتی ہے جو آگ ہی آگ ہوتی ہے اور اپنے آپ کو اس آگ کا مطلب اچھی طرح سمجھانے کے لئے انہوں نے دیوانہ وار اُردو اور فارسی اساتذہ کے دیوان پڑھنا شروع کئے اور ان پر اور سارے گھر پر ایک اور سربستہ راز منکشف ہوا کہ ان کے گلے میں بلا کا جادو، ان کی آواز میں بلا کا سریلا پن ہے۔ اپنے شاگرد اور ہم زلف میں سوز و گداز کی یہ ابتدائی نشانیاں دیکھ کے سید بسم اللہ شاہ معروف نے طے کر لیا کہ اب تربیت کا وقت آ گیا ہے۔

خانقاہ میں قوالی کی مجلس تھی، جو عرس شریف کے ختم پر ہر سال ہوا کرتی تھی۔ شیخ حسین قوال نے بڑے غضب کی آواز پائی تھی، وہ گاتا رہا۔ ’’تجلی ہے یا تاجدار مدینہ‘‘ سید شریف کو حال آیا۔ سید بسم اللہ شاہ معروف تسبیح پڑھتے رہے اور جھومتے رہے اور کبھی کبھی ان کی زبان سے بے اختیار ’’ہا‘‘ نکل جاتا۔ قوالوں کے گلے بیٹھ گئے۔ چاندنیوں کا فرش باسی ہو گیا، گاؤ تکئے مسلے گئے۔ تبرک تقسیم ہوا اور حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف گھر واپس آئے۔ ان کی بیوی آمنہ نے ان کے سر میں ناریل کا تیل ڈالا اور آہستہ آہستہ دبانا شروع کیا۔ ان کے دماغ میں تازگی اور سرور سرایت کر گیا۔ ان نازک نازک ہتھیلیوں اور ناریل کے ٹھنڈے تیل کا سرور اور پھر اس کیف کے عالم میں آرزو ہی آرزو تھی۔ آرزو جو اشعار بنتی چلی جا رہی تھی۔ دو طرح کی آرزو تھی۔ آرزو کی دو متضاد کیفیتیں تھیں۔ حرکت و نمو کی آرزو اور سرفناکی آرزو۔

نہر جنبش مژہ میں نہاں تیر آرزو
دل میں جگر میں بس گئی تصویر آرزو
ہستی شہید غم سہی ، دل محو دید ہے
وہ سہر آرزو تھی یہ تکبیر آرزو

پھر قافیوں کا سیلاب آیا اور حضرت معروف بجولوی کو بہا لے گیا۔ ان کی بیوی نے سر پر تیل کی مالش ختم کرنے کے لئے تیل کے کٹورے میں آخری مرتبہ اپنی انگلیاں ڈبوئیں اور ان سے ان کے سر کی جلد کو اور کھوپڑی کی ہڈی کو دبا کے پوچھا۔ ’’بس؟‘‘

انہوں نے کہا۔ ’’ہاں بس!‘‘ اور اٹھ کے باہر مردانے میں چلے گئے اور اپنی بیاض نکالی۔ کلو نے حقہ بھر کے رکھ دیا۔

اندر آمنہ نے تیل کا کٹورا طاق پر رکھا۔ بیسن سے ہاتھ دھوئے۔ اس کے چہرے پر جھریاں اور اس کے سفید ہوتے ہوئے بال تھک کر اس کے چہرے پر ساکن ہو گئے۔جیسے کسی مرے ہوئے کیڑے سے چیونٹے چمٹے ہوئے ہوں۔ اسے زندگی میں کوئی خاص تکلیف نہیں ہوتی تھی۔ وہ اسی گھر میں پیدا ہوئی۔ اسی میں اس کے ماں باپ مرے اسی میں اس کی شادی ہوئی۔ بس ایک اولاد کی تمنا تھی۔ خدا نے اولاد نہیں دی۔ لیکن اس نے اپنی چھوٹی بہن سکینہ کو اولاد کی طرح پالا۔ وہ پیڑھی پر بیٹھے پراٹھے پکاتی رہی شامی کبابوں میں مسالہ بھرتی رہی، نان خطائیاں بیلتی رہی۔ شب برات میں حلوے پکاتی رہی، زندگی کی صبح دوپہر ہو گئی، پھر سہ پہر آئی اور اب شام قریب تھی۔ اس نے بہت کم گھر سے قدم نکالا تھا۔ ڈولی میں بیٹھ کے وہ عزیزوں اور برادری والوں کی تقریبوں میں شریک ہونے ضرور جاتی رہی۔ لیکن اس نے کبھی آزاد تازہ ہوا کی خنکی محسوس نہ کی۔ آسمان کی شکل اس کی نظروں میں اس کے صحن کی سی تھی اور ڈولی پر باہر جاتے ہوئے اگر کہیں سے آسمان کا کوئی کونا نظر آ جاتا تو اسے حیرت ہوتی کہ آسمان اتنا بڑا ہے۔ اس نے کبھی لہلہاتے کھیت نہیں دیکھے تھے۔ وہ گنگا سے زیادہ دور نہیں رہتی تھی، لیکن کبھی اس نے گنگا کی پر شوکت روانی نہیں دیکھی تھی، جس کے کنارے اس کے آباء و اجداد کا کارواں آ کر اترا تھا۔

اور رفتہ رفتہ جیسے جیسے زندگی کی سہ پہر ڈھلتی گئی، شام آتی گئی۔ اس کے پیٹ میں درد بڑھتا گیا۔ بجولی میں شروع میں دعاؤں اور منتوں کے ذریعہ علاج کیا جاتا تھا پھر یونانی علاج ہوتا تھا اور جب حالت بالکل بگڑ چکتی تو انگریزی علاج شروع ہوتا۔ نظریہ یہ تھا کہ یہ سب وقت کی بات ہے۔ وقت آتا ہے تو خاک کی چٹکی سے شفا ہو جاتی ہے۔ وقت نہیں آتا تو ارسطو کے علاج سے بھی فائدہ نہیں ہوسکتا۔ پھر بھی اس وقت کے نظریے میں کبھی کبھی تدبیر کی اہمیت کا خیال آ جاتا ہے اور جب دعاؤں اور منتوں اور یونانی علاج سے فائدہ نہیں ہوا تو کانپور سے ڈاکٹر سلیم کو بلایا گیا۔ جنہوں نے پہلی نظر ہی میں یہ تشخیص کی کہ یہ سرطان ہے۔ ابھی وقت تھا اور انہوں نے حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیوی کو پٹنہ لے جائیں۔ لیکن آمنہ کسی طرح راضی نہیں ہوئی۔ ’’کتنا خرچہ ہو گا۔ کتنی زیر بارگی ہو گی، ڈاکٹریوں ہی بکا کرتے ہیں آپ خیال نہ کیجئے آپ پریشان نہ ہوئیے۔‘‘

بسم اللہ شاہ پریشان تو ضرور تھے۔ پریشان کیسے نہ ہوتے شریف آدمی تھے۔ لیکن وہ بھی تقدیر کے قائل تھے۔ مشیت نیزدی بجولی میں اور پٹنہ میں یکساں کام کرتی ہے۔ پھر آوارہ گردوں کی طرح بی بی کو دنیا بھر میں علاج کے لئے لے کے پھرنے سے کیا حاصل۔ پھر ان کے نقطہ نظر سے ازدواجی محبت میں ایک حد تک نفس دوں کی چاشنی تھی، جس کی سرکوبی ضروری تھی۔ کبھی کبھی یہ خیال بھی آ جاتا کہ انسان کی زندگی کی کچھ قیمت ہوتی ہے۔ خواہ وہ عورت ہی کیوں نہ ہو۔ مگر وہ یہ کہہ کے دل کو تسلی دے لیتے کہ بیوی ہی کی تو ضد ہے کہ پٹنہ نہیں لے جانے دیتیں۔ غرض پھر ڈاکٹر علاج چھوڑ کے یونا نی علاج ہوتا رہا۔ حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف اپنے مریدوں پر توجہ کرتے رہے۔ سیر افلاک کرتے رہے۔ مقامات کی سیر فرماتے رہے۔ سلوک و معرفت کے جادے طے کرتے رہے اور آمنہ میں اتنی بھی سکت نہ رہی کہ وہ اٹھ کے باورچی خانے میں آلو ہی چھیل سکتی یا اپنے میاں کے سر میں تیل ڈالتی۔ اب ہر فرض سکینہ کے سپرد تھا اور میاں واجد کو ذرا ذرا کوفت تھی کہ ان کی اپنی جوان جوان چھوٹی سی دلہن صبح سے لے کے شام تک باورچی خانے میں پھنکنی پھونکتی رہے، مگر یہ ہر حال ضروری تھا کہ کھانا پکے۔ پیٹ کے دوزخ کا پر ہونا ضروری تھا اور جب آمنہ نے خوشامد کی۔ ’’بیٹا ذرا اپنے دولہے بھائی کے سر پر تیل کی مالش کر دیا کر۔ اس کی ساری عمر کی عادت ہے۔ اب مجھ کم بخت سے بستر سے اٹھا نہیں جاتا۔ ان کے قدموں کے نیچے میری جنت ہے۔ میں قیامت کے روز خدا کو کیا منہ دکھاؤں گی۔‘‘

بسم اللہ شاہ معروف کو اپنے تقویٰ پر بڑا اعتماد تھا۔ بیوی کی بیماری کی وجہ سے ان کے آرام میں ہر طرح خلل پڑ رہا تھا۔ لیکن وہ سوائے صبر و شکر کے کبھی ایک کلمہ شکایت زبان پر نہ لائے۔ ننھی سی سالی سکینہ جو ان کی شادی کے وقت صرف دو سال کی تھی، اب ماشاءاللہ بڑی ہو گئی تھی۔ وہ ان کے سر میں تیل لگاتی تو نرم نرم ہتھیلیوں اور ناریل کے تیل کی خنکی کا سرور تو ضرور محسوس ہوتا تھا لیکن معلوم ہوتا تھا یہ ان کی اپنی بیٹی جیسی ہے۔

وہ دنیا کے تمام مصائب و آلام سے بے نیاز تھیں جو غم تھا، وہ غم عشق، عشق حقیقی میں تبدیل ہو جاتا تھا۔ ایک بے خبری تھی جو غم روزگار پر حاوی تھی۔ بیوی بیمار سہی، چھوٹی چھوٹی باتوں کی تکلیف سہی لیکن میر تقی میر اور فانی کے برعکس حضرت معروف کے کلام میں سیت و قنوطیت کا فقدان تھا۔ اس کے نزدیک عشق میں اس کی فراوانی میں غم روز گار کا پہلو نمایاں ہوتا ہے۔ اسی لئے انہوں نے تمام تر توجہ نشاط و کیف اور انبساط پر کی تھی۔ اس نشاط، کیفیت، انبساط کی بنیاد حیرت اور بے خبری پر تھی۔ شبنم کا نزول، پھولوں کی نمود، طیور کے نغمے، یہ سب حیرت ہی حیرت کا سامان تھے۔ کسے فرصت تھی کہ وہ غم دنیا،اپنے اپنے متعلقین یا اپنے گرد کے انسانوں کی مصیبتوں کی طرف توجہ کرے۔

اس درمیان میں سید بسم اللہ شاہ معروف میاں واجد کو سلوک و طریقت کے ابتدائی مراحل طے کرا رہے تھے۔

بڑا سوال اور مرحلہ یہ ہے کہ پیر طریقت اپنے مرید کے دل سے ماسوا کے نقوش محو کر دے۔ اس کے بغیر حقیقی کو نہیں لگ سکتی۔ سلسلہ نقشبندیہ میں پیر طریقت اپنے مرید کو ایک عارضی بت پرستی کے دور سے لے کے گزرتا ہے۔ آہستہ آہستہ انسان کا دل پرانے پیاروں ، عقیدوں ، مرکزوں سے ٹوٹتا ہے۔ سلسلہ نقشبندیہ میں پیر اپنے مرید کے دل سے ماسوا کے خطرات نکالنے کے لئے اپنا تصور بندھواتا ہے یہ تصور شیخ ہے۔ اس میں مرید کا دل نقرہ و فرزندو زن کے بجائے مرشد کے تصور سے وابستہ ہو جاتا ہے اور پھر جب مرید انہماک اور توجہ کی کیفیت حاصل کر لیتا ہے تو مرشد آخری بت شکنی کرتا ہے اور اپنے مرید کے دل سے خود اپنا نقش مٹا دیتا ہے۔ شیخ خود مرید کے دل میں تصور شیخ کو پاش پاش کر دیتا ہے اور پھر اسے منزل و افلاک کی سیر کرانے لے جاتا ہے۔ اس کی توجہ کی گرمی بڑھتی جاتی ہے۔

تصور شیخ کے مرحلے سے کچھ عرصہ قبل میاں واجد نے شاعری شروع کی تھی۔ اس شاعری میں بڑا ترنم اور بڑی (مجازی) سوز و گداز کی کیفیت تھی۔ اب تک یہ لہریا دوپٹے والی، عطر حنا میں بسی ہوئی نوجوان ننھی سی دلہن کا عشق تھا۔ غالب نے سہل ممتنع کو بیدل کا تصور اور اس کا طرز بیان توڑ کے حاصل کیا۔ میاں واجد کو کان کے اطراف کی آب و ہوا، اردو زبان، دلہن کے عشق اور حافظ شیراز نے شروع ہی سے تحفتاً سہل ممتنع میں کمال عطا کر دیا۔ اس کی پانچویں یا چھٹی غزل پر اصلاح کرتے ہوئے سید بسم اللہ شاہ معروف نے لکھا۔ ’’یہ خدا کی دین ہے۔ یہ انداز، یہ بیان بڑے بڑے کہنہ مشقوں کو نصیب نہیں ہوتا۔ ذالک فضل اللّٰہ یعطی من یشاء‘‘

میاں واجد کی یہ ابتدائی شاعری وصل کی شاعری تھی۔ وصل کا ذکر تو ذرا کم تھا، مگر وصل کی کیفیت نمایاں تھی۔ اس میں ان آنکھوں کا ذکر تھا۔ جن کا طریقہ سب سے جداگانہ ہے، جو جھکی رہتی ہیں۔ مگر اس سمت دیکھ لیتی ہیں۔ جدھر وہ دیکھنا چاہتی ہیں۔ یہ اپنے اور ’’اس کے‘‘ عشق کی شاعری تھی کہ دل سامنے لا کر رکھ دیا۔اب اس کے بعد نظر کا اختیار ہے کہ وہ جو چاہے کرے۔ ان آنسوؤں کا تغزل تھا جو مژہ تک آتے آتے خشک ہو گئے تھے۔ یہ مزے کی شاعری تھی۔ وصل میں بھی فراق کی لا علاج بے قراری کی شاعری، وہ کیفیت جس کو بیدل نے بڑے کمال سے بیان کیا ہے۔

ہمہ عمر باتوں زدیم و ترفت رنج خمارما
چہ قیامتی کہ نمی رسی زکنارما بہ کنارما

شاعری میں یہ نگاہ ناز اور ذوق جاں نثاری کا زمانہ تھا۔ ابھی عاشقی خامکاری تھی۔ جمال ہر دم جمال تو بنتا جاتا تھا، تازہ خیال استوار نہیں ہونے پاتے تھے۔ معشوقہ کا وقت تو زیادہ تر باورچی خانے میں روٹیاں سینکتے، دھوبن کو کپڑے دیتے، دوپٹوں کو رنگتے، آنچلوں پر گوٹیں ٹانکتے، صرف ہوتا تھا۔ اسے اپنے میاں (جواب بجولی میں صرف گھسیٹے وغیرہ کی زبان پر واجد میاں باقی رہ گئے تھے، لیکن جو یو۔پی، بلکہ ہندوستان بھر میں حضرت واجد بجولوی کے نام سے مشہور ہونے لگے تھے) .... کی ساری شاعری میں صرف ان کا ترنم پسند تھا اور ایک مبہم سا خوشی کا احساس تھا کہ اس کے میاں کا یہ کہنا تھا کہ وہ ان کی شاعری کی بھی محبوبہ ہے۔ میاں سے محبت ایک طرح کا فرض تھا جس کی وہ روحانی ذہنی اور جسمانی طور پر پابند تھی۔ لیکن سکینہ کو ’’عشق‘‘ کے معنی سکھانا نا ممکن تھا۔ اس کی یہی ناسمجھی میاں واجد (معاف کیجئے گا حضرت واجد بجولوی) پر اس کی کی مشق ناز، اس کی جفا، اس کا ستم، اس کے بے نیازی سب کچھ تھی۔ روایت رود کی کی جوئے مولیا حافظ کے رکنا باد و مصلی اور آتش کی۔ کھاؤں کدھر کی چوٹ بچاؤں کدھر کی چوٹ۔‘‘ سے ہوتی ہوئی، اس گھر میں گھس آئی تھی جس میں گندی موری بہتی تھی اور آمنہ باجی بچاری سرطان میں مبتلا زندگی کے آخری چند روز کاٹ رہی تھیں۔ لیکن واجد کو اپنی ہر لغزش سے عشق کا لطف یقین پیدا تھا۔ ہر موج تبسم، یعنی سکینہ کے پان کھائے ہوئے سانولے ہونٹوں کی مسکراہٹ برق طور تھی۔ اس کا روئے آتشیں (جو دراصل بہت سانولا تھا) صبح دلبری کی طرح روشن تھا۔ اس کی رنگت کالی سہی، شاعری میں وہ سیمیں اندام تھی۔ کمر اس کی البتہ پتلی تھی۔ اس لئے موئے کمر کو طرح طرح باندھا جاسکتا تھا۔ زلفیں (یعنی تیل میں چپڑی ہوئی چوٹی) تو سیاہ تھیں ہی۔ لب لعلین صرف پان کی سرخی سے لال ہو جاتے۔ مگر اس سے کیا، جوانی ہے، جوانی ہے، جوانی.... اگر کبھی نظر کی حقیقت کا مقابلہ واجد دل کی حقیقت سے کرتا تو کہتا اس سے کیا، میں نے اپنے دل میں جو کچھ سمجھا وہ ویسی ہی ہے۔ نظر تو محض فریب ہی فریب ہے۔ نظر تو محض فانوس کی گردش ہے۔ اصلی نظر تو باطنی ہے، چشم مجنوں ، اسی سے لیلیٰ کو دیکھنا چاہئے۔ حضرت جامی کا بے مثل شعر ہے

موجب حسن تو تنہا نہ خدوخال فتاد عشق مانیر ز اسباب جمال است ترا

غرض واجد کا ’’مجازی‘‘ عشق اور ان کی مجازی شاعری ان کے شباب کے ساتھ ابھی اس والہانہ مرحلہ پر تھی کہ حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف نے انہیں راہ طریقت میں تصور شیخ کے مرحلے میں داخل کیا۔ اب خود حضرت معروف کے تصور کے سوا انہیں تمام نقوش یہاں تک کہ سکینہ، اس کی جوانی، اس کے لہریے دوپٹوں اور اس کے ریشمی حسن کا تصور بھی حرف غلط کی طرح مٹانا تھا۔ عشق میں یکسوئی کی ضرورت ہے۔ تمام ’’باطل نقش‘‘ مٹ جاتے ہیں۔ عورت محبت کی چیز نہیں رہتی۔ وہ تو صرف بچے پیدا کرنے کے لئے ہوتی ہے۔ اسی لئے تو فارسی شاعری نے عورت کا پیچھا چھوڑا، (معاذ اللہ رود کی سمر قندی نے انار پستان کا ذکر کیا ہے۔ کس قدر سوقیانہ مضمون ہے۔ مگر حضرت معروف بجولوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ غالباً یہ کتابت کی غلطی ہے۔ دراصل انار بستاں ہو گا۔ کسی شریف النفس کاتب نے دو نقطے اور بڑھا دیئے) فارسی شاعری نے عورت کا پیچھا چھوڑا، اور تصور شیخ کی ہو رہی ہے۔ جہاں تصور شیخ کی سمجھ میں نہیں آیا امرد پرستی ہو گیا۔ غرض اس مرحلے پر حضرت معروف بجولوی، واجد کی ساری توجہ اپنی شبیہ مبارک منعطف کرانا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں اور سب نقوش کے ساتھ سکینہ کا نقش بھی مٹنا ضروری تھا۔ اس نقش کا مٹنا اتنا آسان نہ تھا۔ یہ جنس کو روحانیت، رومان کو عرفان بتاتا تھا لیکن بہرحال یہ عظیم الشان رسہ کشی شروع ہو ہی چکی تھی۔

سرطان بڑا موذی مرض ہے۔ سب سے اچھی موت وہ ہے جو ہنستے کھیلتے حرکت قلب بند ہونے سے واقع ہو۔ یہ ہندوستانی شریف عورتوں کو پردے کے اندر نصیب نہیں کیونکہ دق عموماً عارضہ قلب سے بازی لے جاتا ہے۔ سرطان کی وجہ تو معلوم نہیں لیکن وہ بھی ٹاٹ کے پردے، اور چہار دیواری سے گھرے ہوئے مکانوں میں اکثر آتا ہے، جہاں منڈیر پر بیٹھے ہوئے کاؤں کاؤں کرتے ہوئے کوؤں کے سوا اور کوئی مہمان نہیں آتا اور خانہ دل اگر کبھی خدانخواستہ خداوند مجازی حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف سے بڑی محبت تھی۔ تمام عمر وہ فرض کی پابندی کرتی رہی۔ اس نے کبھی اپنی طرف سے کسی فرض میں کوتاہی نہیں کی۔ جاڑوں میں وہ راتوں کو اٹھتی تھی اور پانی گرم کرتی تھی تاکہ اس کے میاں گرم پانی سے نماز تہجد کے لئے وضو کر سکیں۔ تمام عمر وہ خدمت کرتی رہی اور مرتے وقت یہی افسوس کرتی مری کہ وہ اچھی طرح میاں کی خدمت نہ کر سکی، جن کے قدموں کے تلے اس کی جنت ہے۔

تابوت، عود، کافور، کفن سب مرحلے طے ہو گئے۔ حضرت سید بسم اللہ شاہ نے اس صدمہ جانکاہ کو اسی صبر کے ساتھ برداشت کیا جو بزرگوں کا شیوہ ہے۔ رفیقہ حیات کی جدائی کے غم میں ایک دو آنسو تو ضرور ریش مقدس پر چھلکے، لیکن اس کے بعد دیکھنے والوں کو ان کا صبر، تحمل اور وقار دیکھ کر حیرت ہوتی تھی اور میاں واجد پر تو ان کے اس ضبط اور اس تسلیم و رضا کا کچھ اتنا اثر ہوا کہ اس کی عقیدت کہیں زیادہ بڑھ گئی لیکن کچھ ہی عرصہ بعد درگاہ شریف کی خانقاہ کے نمازیوں نے، جن میں سے اکثر حضرت سیدبسم اللہ شاہ کے مرید تھے.... یہ محسوس کیا کہ حضرت کا جلال بہت بڑھ گیا ہے۔ نماز کے لئے صفیں ایستادہ ہوتیں۔ نیت باندھنے سے پہلے حضرت سید بسم اللہ شاہ صاحب دفعتاً شیر کی طرح پلٹتے اور فرماتے۔ ’’اس کو نکال دو۔‘‘ ’’اس کو نکال دو۔‘‘ دو دو تین تین آدمی صفوں میں سے خارج کر دیئے جاتے اور نماز ختم ہونے کے بعد وہ اپنے ساتھیوں سے اعتراف کرتے کہ بے شک ان کے دلوں میں خطرات آرہے تھے۔ شبراتی حلوائی نے اقبال کیا۔ ’’بھیا ہمرے ہجرت صاحب ٹھیکے کین۔ ہمرے دل میں آوت رہے کہ جلیبین کے کھی ماں تھوڑا سا میٹھا تیل میلائے دیں۔ ‘‘ میاں گھسیٹے نے جواب دیا۔ ’’بھیا آکھر پیر جاوے ہیں۔ کھد پیر ہیں۔ بجر گن کی ہر بات سچی ہوت ہے۔‘‘

اپنے اس جلال سے .... جو نیک نیتی پر مبنی تھا.... اگر کسی کو اطمینان نہیں تھا۔ تو خود حضرت سید بسم اللہ شاہ صاحب کو۔ ادھر اپنے شیخ اپنے رہبر کامل سے واجد کی والہانہ عقیدت پرستش اور عشق بنتی جا رہی تھی۔ سکینہ کے لہریا دوپٹہ اور اس کی نیم باز انکھڑیوں میں جمال ہی جمال تھا۔ لیکن شیخ کی نرگس مستانہ میں جلال کی شان تھی۔ یہ جلال جمال کی تکمیل اور اس کی شدت ظہور ہے۔ شیخ کے گھنگھریالے بالوں ،ان کی چوڑی پیشانی کے نیچے ان کی دو طاقتور آنکھیں تھیں۔ ان آنکھوں میں کس غضب کی ساحرانہ جاذبیت تھی۔ بالکل تلوار کی دھار کی طرح۔ ایک ایسی تلوار کی دھار جو ساری دنیا سے اس کا رشتہ منقطع کرنا چاہتی تھی۔ معلوم ہوتا تھا یہ آنکھیں اسے کھینچ لیں گی، اپنے آپ میں جذب کر لیں گی جیسے روشنائی جاذب میں جذب ہو جاتی ہے اور ان آنکھوں کے نیچے ہی سے با جبروت حنائی ریش شروع ہوتی تھی۔ شیخ کا، رہبر کامل کا چہرہ ہزبر بیشہ طریقت کا چہرہ تھا۔ اس کی آن بان، اس کی شوکت، اس کا جلال۔ حضرت معروف بجولوی کی شخصیت نے واجد کے ذہن اور اس کے قلب کے گوشے کو مسخر کر لیا اور معلوم ہوتا تھا کہ سکینہ اب محض اس کے جسم کی مہمان ہو کر رہ گئی ہے۔ اب بھی شعر سکینہ کا ذکر کرتے، مگر اب شعر کے معانی اور مطالب دو سطحوں پر حرکت کرتے۔ مجازی معنوں میں تو سکینہ اب بھی محبوبہ تھی۔ لیکن وہ تو محض تفصیل تھی، مقصود اعلیٰ کچھ اور تھا، جس کا پہلا مرحلہ حضرت معروف کا تصور تھا۔ مجاز اور حقیقت کا تضاد، اندر سے واجد کی ہستی کو کھائے جا رہا تھا۔ کاش برق جمال اس قید تعین کو پھونک دیتی۔ جس میں سکینہ اسے گرفتار کئے ہوئے تھی۔ تصور شیخ دل کو تو مجازی محبت سے آزاد کرا رہا تھا مگر نگاہیں ابھی تک زلف معنبر اور شانہ میں الجھ رہی تھیں۔ اس کشمکش میں ایک نظر کعبہ پر جمی تھی تو دوسری بت خانے پر۔ شیخ کا ادب تھا، شیخ کا تصور تھا، شیخ کی آنکھوں کا سحر تھا۔ مگر آغوش سکینہ کی یاد اور سکینہ کی طلب سے بھرپور تھی۔ دونوں طرف سے مجبوری تھی ایک طرف جان کی مجبوری، ایک طرف جسم کی مجبوری۔ ایک قید جسم تھی اور دوسری طرف قید جان۔ شیخ کی توجہ سے کبھی کبھی ایسے مرحلے اور مقامات آتے جو مجاز بہت دور کسی بے نام حقیقت کی طرف بہا لے جاتے۔ کوئی واجد کی طرف دیکھتا اور زماں و مکان دونوں معدوم ہو جاتے۔ کوئی واجد کی طرف دیکھتا اور زماں و مکان دونوں معدوم ہو جاتے۔ تخت رواں کی طرح دل اسے کسی ایسے مقام پر لے جاتا جہاں کوئی اور موجود ہوتا۔ لیکن کون؟ اور پھر ان تجربوں کے بعد دل میں غم کی ہلکی میٹھی کسک باقی رہ جاتی۔

یہ تجربہ گزر جاتا، کھانا مزے کا نہ ہوتا، کوئی اور چھوٹی سی بات ہوتی، واجد اور سکینہ میں لڑائی ہوتی۔ وہ منہ پھلا کے،بان کے پلنگ کے پائنتانے، دوپٹے سے منہ چھپا کے پڑ رہتی۔ لڑائی کے بعد منانے کی منزل آتی۔ واجد اسے لاکھ مناتا، وہ نہ مانتی۔ وہ اور زیادہ روتی جاتی۔ تب وہ نسوانیت جو شاعر کے مزاج میں ہوتی ہے اپنی بیوی سے کہتی، دیکھو! اگر تم نہ مانو تو ہمارا جنازہ دیکھو۔ یہ ایک بڑی انفعالی رومانی کیفیت تھی جو واجد محسوس کرتا۔ یہ کہ وہ مر گیا ہے، اس کی بیوی نے چوڑیاں توڑ ڈالی ہیں ، بال بکھرے ہوئے ہیں ، لہریے دوپٹے کی جگہ سفید دوپٹہ ہے۔ بیوہ کا سوگ اور یہ کیفیت شاعری بن جاتی۔ اچھا جتنا ناز کرنا ہے کر لو۔ مگر جب ہم دنیا سے اٹھ جائیں گے تو کیا کرو گی؟ راتوں کو بستر سے اٹھ اٹھ کر آہیں بھرا کرو گی، پہروں اداس رہو گی۔ برسوں تمہارے چہرے کا رنگ اڑا اڑا رہے گا اور جب تم کو اس کا پورا احساس ہو جائے گا کہ مرنے والے واپس نہیں آتے تو رو رو کے مغفرت کی دُعا کرو گی۔

پھر ایک مرحلہ ایسا آتا کہ گھر، صحن کی غلیظ موری، دانت مانجھنے کے منجن سے چمکتے ہوئے دانت، جو سلک گہر تھے، در دندان تھے، سب کچھ تھے، سب مقابل معلوم ہوتے، حرف غلط کی طرح مٹتے ہوئے۔ حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف، رہبر کامل، شیخ کا با جبروت چہرہ جلتے ہوئے آفتاب کی طرح سامنے آ جاتا۔ سوا نیزے پر آفتاب۔ جلال الدین رومی کے قلم سے دیوان شمس تبریز کی بارش ہونے لگتی۔ ایک ایسا عالم نظر آتا کہ دو جہاں کا حسن نظروں سے گرنے لگتا۔ کسی نے پہلے تو چراغ جلا کے دو جہاں کا حسن دکھایا پھر پھونک مار کے چراغ بجھا دیا۔ اب اس ظلمت میں نور ہی نور تھا۔ جمال ہی جمال۔ خود اپنی ہستی اس جمال کی نبض بن گئی اور دھڑکنے لگی۔ اپنی ہی ہستی شمع بن گئی اور جگمگ جگمگ کرنے لگی۔ کبھی بے خودی ہوتی، کبھی ہوش آتا اور وہ با جبروت، با شوکت چہرہ اپنی طرف کھینچ رہا ہوتا، اوپر کی طرف، افلاک کی سیر کو لے جانے کے لئے، مقامات کی جانب رہنمائی کے لئے۔

ادھر رہبر کامل، سید بسم اللہ شاہ معروف کا جلال بڑھتا جا رہا تھا۔ جوں جوں ان کا جلال بڑھتا جا رہا تھا۔ دیہاتیوں کے اعتقاد میں اضافہ ہوتا جاتا تھا۔ ایک عجیب بات یہ تھی کہ وہ کبھی واجد کو سخت سُست نہ کہتے۔ ایک مرتبہ بھی انہوں نے اسے نماز کی جماعت سے نہیں نکالا۔ یہ سب تھا مگر اپنے جلال کی اس زیادتی کی وجہ سے خود حضرت معروف کو اطمینان نہ تھا۔ انہوں نے تقویٰ میں بہت شدت کے ساتھ اضافہ کیا تھا۔ اکثر وہ ساری ساری راتیں جاگ جاگ کر اور درود و وظائف میں صرف کر دیتے۔ انہوں نے بجائے تکیے کے اینٹوں پر سر رکھ کے سونے کی مشق شروع کی تھی۔ اپنا کفن سلوا لیا تھا۔ خانقاہ میں بہت وقت صرف کرنے لگے تھے لیکن شادی کا چشمہ دفعتاً خشک ہو گیا تھا۔ جس طرح ان کی شاعری میں نشاط کی کیفیت منتقل ہو گئی تھی۔ جلال کی کیفیت منتقل نہ ہو سکی۔ وہ ایسا کلام زیادہ پڑھنے لگے تھے۔ جس میں جلال کا ظہور تھا، خواہ وہ کلام ائمہ تلبیس ہی میں سے کسی کا کیوں نہ ہو؟

نخل شمعیم کہ در شعلہ دود ریشہ ما عافیت سوز بود سایہ اندیشہ ما

سکینہ ان کی چھوٹی سی سالی ان کے سر میں تیل دباتی تو پہلے تو اس لمس سے نفس پر کوئی اثر نہ پڑتا۔ مگر بیوی کے انتقال کے بعد اس لمس میں ایک طرح کی کشش پیدا ہو گئی۔ یہ لڑکی کسی اور کی منکوحہ بھی تھی، میاں واجد کی۔ میاں واجد اب تصور شیخ کے مرحلے میں اپنے مرشد کامل کو سب ہی کچھ سمجھتے تھے۔ حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف بجولوی کو اپنے تقویٰ پر بڑا اعتماد تھا۔ لیکن انہوں نے بایں سن و سال اپنی ہستی کے اندر نفس دوں کی شورش سنی۔ انہیں ایک گھنٹہ پہلے سے انتظار رہتا کہ اب تیل دبانے کا وقت آئے گا اور اب سکینہ آ کر ان کے سر میں تیل دبائے گی۔ نازک نازک جواں نسوانی انگلیاں معلوم ہوتا تھا اندر ہی اندر ان کے دل میں گھسی جا رہی ہیں۔ ان کی روشن پیشانی سے سجدوں کے نشان مٹا رہی ہیں۔ پھر ضمیر ملامت کرتا کہ معروف یہ لڑکی تمہارے سامنے گھٹنیوں چلتی تھی۔ تم نے اسے اپنی گود میں کھلایا ہے۔ اپنی بیٹی کی طرح پالا ہے۔ کیا سالہا سال کا تقویٰ شیطان اپنی ایک جنبش ابرو سے مٹا دے گا۔ یہ سب تھا، مگر اب انہیں چوبیس گھنٹے تیل دابتے ہوئے نازک نازک ہاتھوں کا دھیان رہنے لگا۔ اس دھیان کو دل سے نکالنے کے لئے انہوں نے تقویٰ میں زیادتی شروع کر دی۔ اشراق اور تہجد پہلے بھی بہت کم ناغہ ہوتی تھیں۔ اب وہ ساری ساری رات اوراد و وظائف میں گزارنے لگے۔ مگر ایک ہیجان تھا جو ان کے اور توجہ قلب کے درمیان حائل تھا۔ انہیں اس کا اطمینان تھا کہ یہ ہیجان نفسانی نہیں لیکن اتنا ضروری تھا کہ سکینہ جو پہلے محض دختر تھی، اب نیم دختر نیم دلبر بن گئی تھی۔ اس عمر میں اور اس قدر زہد و اتقا کے بعد ، طریقت کے ان تمام مراحل طے کرنے اور دوسروں کی رہنمائی کر چکنے کے بعد نسوانی شباب کا اس قدر اثر لینا یہ خود جہنم کی بشارت تھی۔ وہ لاکھ معشوق حقیقی سے لو لگانا چاہتے، سکینہ کی تیل دباتی ہوئی انگلیاں اس کی نازک حنا سے لال لال ہتھیلیاں ، انگلیوں کی پوریں جن میں مہندی رچی ہوئی تھی، ان کے اور اس اعلیٰ عشق کے درمیان حائل ہو جاتیں جن میں پہلے کیف ہی کیف تھا، نشاط ہی نشاط تھا۔

پھر رفتہ رفتہ نیم دختر، نیم دلبر کی دلکشی محض مہندی رچی ہوئی پتلی پتلی انگلیوں کی دلکشی نہ رہی۔ اب سکینہ کی آواز کا اتار چڑھاؤ.... اور اس کے سینے کا اتار چڑھاؤ دونوں قیامت ڈھانے لگے۔ شاعری کا سرچشمہ جو سوکھ چلا تھا۔ اس میں مجاز کی لہریں پیدا ہوئیں۔ حضرت معروف بجولوی نے کئی غزلیں لکھیں اور پھاڑ ڈالیں اور توبہ و استغفار کیا۔ لیکن سکینہ جب نظر آ جاتی، باورچی خانے میں ، دسترخوان پر، تیل دباتے وقت اس کے سینے کا تموج ساری دنیا کو غرق کر دیتا۔ حالانکہ اس کا سینہ دوپٹے کی دوہری تہہ سے ڈھکا رہتا۔ ان نسوانی آتش فشانوں کے تموج میں کوہ طور نظر سے اوجھل رہا تھا۔ حضرت کا جلال بڑھتا جا رہا تھا، عبادت اور تقویٰ میں شدت ہوتی جا رہی تھی۔ لیکن حضور قلب غائب ہوتا جا رہا تھا۔ وہ خطرات کا الزام لگا کے اپنے مقتدیوں کو نمازیوں کی صف سے نکلوا دیتے لیکن ان کے اپنے دل میں خطرات کے سوا اور کچھ نہ تھا۔

تصور شیخ کمال پر تھا۔اب اگر سید بسم اللہ شاہ میں حقیقی رہنمائی کی صلاحیت باقی ہوتی یا اگر وہ حقیقی رہنمائی کر سکتے تو ان کا فرض تھا کہ واجد کے قلب میں اپنے تصور کو پاش پاش کر دیں اور توجہ کر کے اسے اعلیٰ مقامات کی سیر کرائیں۔ لیکن ان کی اپنی روح مفلوج ہو چکی تھی۔ معلوم نہیں انہوں نے اپنا تصور پاش پاش کرنے کی کوشش بھی کی یا نہیں۔ لیکن واجد کی گرویدگی کا یہ عالم تھا کہ اسے ساری کائنات اپنے مرشد کامل، اپنے شیخ کی نورانی صورت سے وابستہ معلوم ہوتی تھی۔ اسی سے تمام جذبے، تمام کیف پیدا ہوتے تھے۔ وہیں مناظر قدرت، گل و بلبل و دراج و سار، برشگال و بہار کا حسن انتہا کو پہنچتا تھا۔

اور پھر ایک دن آیا۔

فجر کی نماز کے بعد حضرت سید بسم اللہ شاہ خلاف معمول واجد پر برس پڑے۔ اسے مقتدیوں کی صف سے نکال دیا۔ ان کے جلال کا یہ عالم تھا کہ منہ سے کف جاری تھا۔ پھر جب انہوں نے نماز پڑھائی تو ان کی آواز میں حد درجہ رقت تھی۔ وہ نماز پڑھ کے بہت دیر وظائف پڑھتے رہے۔ گھر آئے بھی تو واجد سے بات نہ کی۔ ڈر کے مارے واجد نے ناشتہ ساتھ نہیں کیا اور اپنے پلنگ پر تکیہ میں منہ چھپائے روتا رہا۔ ظہر کے قریب حضرت سید بسم اللہ شاہ حوائج ضروری سے فارغ ہو کے،گھڑے سے وضو کے لئے لوٹے میں پانی بھر رہے تھے۔ اس نے دوڑ کے لوٹا ان کے ہاتھ سے لے لیا اور پانی بھرنے لگا۔ حضرت نے غصے کا اظہار نہیں فرمایا۔ خاموش رہے اس پر ہمت کر کے واجد نے ان کے قدموں پر سر رکھ دیا اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔ حضرت نے اسے اٹھا کے سینے سے لگایا۔ اس نے بھی وضو کر کے ظہر کی نماز ان کے ساتھ ادا کی اور اس کے بعد حضرت نے اسے اپنے سامنے بٹھا کے سمجھانا شروع کیا۔ ’’واجد! میں نے تجھے اوپر کھینچنے کی، اعلیٰ تر مقامات تک پہنچانے کی بہت کوشش کی۔ لیکن تیرا دل دنیا میں اٹکا ہوا ہے۔ تجھ میں طریقت کے راستے پر چلنے کی طاقت نہیں۔ ‘‘

واجد روحانی دہشت اور ادب سے خاموش سنتا رہا اور حضرت کہتے رہے۔ ’’عشق حقیقی سے پہلے دنیا کی تمام محبتیں ، آرزوئیں ، تمام تعلقات مٹانا پڑتے ہیں۔ تجھ میں اس کی طاقت نہیں۔ تیرا دل اپنی بیوی میں اور اپنی جوانی میں اتنا الجھا ہوا ہے کہ تو طریقت کی راہ پر چلنے کے قابل نہیں۔ ‘‘

معلوم ہوتا تھا کسی نے واجد کے دل کا چور پکڑ لیا۔ کیا یہ واقعہ نہیں تھا کہ اس کے حواس بیوی کے رنگین ملبوس، اس کی عطر میں بسی ہوئی جوانی میں اسیر تھے۔

اس نے کہا۔ ’’حضرت یہ واقعہ ہے۔ کوئی بات، میرے دل کی کوئی واردات آپ کی نظر سے پوشیدہ نہیں۔ مگر خدا کے واسطے مجھے بے یار و مددگار تنہا نہ چھوڑیئے میری مدد فرمائیے کہ کس طرح میں اپنے نفس کے اس جال سے چھوٹوں۔ ‘‘

حضرت نے گردن جھکا لی ان کی آنکھوں میں ریا کی وہ غیر معمولی چمک نمودار ہوئی جو واجد کے سوا غالباً ہر ایک کو نظر آ جاتی۔ ان کے چہرے پر خون دوڑ گیا۔ ان کے گلے سے جو آواز پیدا ہوئی اس میں حیوانیت کا ذرا سا شائبہ تھا۔لیکن واجد تو شیخ کے تصور کا غلام گردن جھکائے ہوئے اس کامنتظر تھا کہ حضرت کا اشارہ ہو اور وہ اپنی جان قربان کر دے۔

دفعتاً حضرت نے بزرگانہ اور مشفقانہ انداز سے اس کے سر کے بالوں پر ہاتھ پھیرا۔ معلوم ہوتا تھا اس لمس سے جنت کے دروازے کھل گئے۔ انہوں نے کہا۔ ’’میاں واجد ایک صورت ہے مگر ا س کے لئے بڑی نفس کشی اور بڑے صبر کی ضرورت ہے۔ تم اس امتحان میں پورے نہیں اترو گے۔‘‘

’’میں جان تک نثار کرنے کو تیار ہوں۔ ‘‘ واجد کی آواز میں بڑا جذبہ اور تاثر تھا اور اس کی آنکھیں اس جذبے کا اظہار کر رہی تھیں۔

’’یہ قربانی جان! قربانی سے بھی زیادہ سخت ہو گی۔‘‘ حضرت کی آنکھوں کی چمک بڑھ گئی۔

’’میں ہر قربانی کے لئے حاضر ہوں۔ ‘‘

’’تو سنو! تمہیں سکینہ کو طلاق دینا ہو گی۔ مگر میاں واجد یہ کافی نہیں۔ وہ اس گھر میں رہے گی۔ ظاہر ہے اس کا اور کون ہے اور وہ کہاں جاسکتی ہے۔ وہ طلاق کے بعد بھی کہیں اسی میں تمہارا دل نہ اٹکا رہے۔ اس لئے عدت کے زمانے کے فوراً بعد اس کا نکاح ثانی ضروری ہے۔ اگر کسی اور سے نکاح ہو تب بھی تمہارے دل سے مجازی عشق کی خلش نہیں جائے گی۔ وصل جب فراق بن جاتا ہے تو اور زیادہ مہلک ہو جاتا ہے۔ محض تم کو اس عذاب سے بچانے کے لئے میں تیار ہوں کہ عدت کے بعد سکینہ سے نکاح کر لوں ....‘‘

معلوم ہوتا تھا کہ میاں واجد پر بجلی سی گری۔ یہ بجلی اور سب کچھ جلا گئی، لیکن تصور شیخ اپنی جگہ قائم تھا۔

’’میں بوڑھا ہوں۔ میرے لئے ہوس کا زمانہ گزر گیا۔ میں اپنے نفس کو بیس برس پہلے مار چکا ہوں۔ میرا نکاح تمہیں دنیا کے پھندے سے نجات دلانے کا محض ایک وسیلہ ہو گا۔ میں تمہاری خاطر یہ قربانی کرنے کو تیار ہوں۔ محض تمہاری خاطر۔ اس کے سوا اور کوئی صورت نہیں۔ تمہیں میری جگہ سجادہ نشین ہونا ہے اور تمہاری اصلاح اتنی مشکل ہے۔ یہی ایک صورت باقی تھی اور یہ میں نے بیان کر دی۔‘‘

میاں واجد کی ہستی کا ذرہ ذرہ اس برق سے جل اٹھا تھا، جو ان پر کچھ عرصہ پہلے گری تھی۔ یہ برق اس کے نفس دوں کو جلا گئی تھی۔ اب تحت الثریٰ سے ثریا تک شیخ ہی کا تصور تھا زہے قسمت کہ اس کی نجات اور فلاح کے لئے شیخ نے خود یہ قربانی قبول کی تھی۔ وہ شیخ کے قدموں پر گر پڑا اور کہا۔ ’’حضرت جو آپ کا حکم ہو۔ مجھے بسرو چشم منظور ہے۔ میں آپ کے حکم کی بناء پر اپنی بیوی کو تین بار طلاق دیتا ہوں۔ ‘‘

اس روحانی لین دین میں کسی نے بچاری سکینہ سے نہیں پوچھا کہ اس کی مرضی کیا ہے۔ سب بھول گئے کہ وہ بھی جاندار ہے اور اخلاق اور شریعت نے اسے بھی کچھ حق دیا ہے۔ پہلی طلاع اسے یہی ملی کہ واجد نے اسے طلاق دے دی ہے۔ اس کے لئے مسئلہ بہت سیدھا سادا تھا۔ وہ طریقت کے پیچ و خم اور تصور شیخ کے طلسمی اثر سے ناواقف تھی۔ اس کے نزدیک واجد، بد شکل اور چیچک رو نہیں بلکہ دنیا کا سب سے حسین آدمی تھا۔ کیونکہ وہ جوان تھا اور اس کے جسم کو اس نے اپنے قبضے میں لیا تھا۔ حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف بوڑھے تھے۔ اس نے انہیں کبھی مرد سمجھ کے دیکھا نہیں تھا۔ جب سے اس نے ہوش سنبھالا تھا وہ انہیں دولہا بھائی کہتی آئی تھی۔

یہ انقلاب، یہ لین دین، یہ روحانی خرید و فروخت جو اس کے نزدیک محض جسمانی خرید و فروخت تھی اس کی سمجھ میں نہیں آئی۔ رات بھر واجد اندر نہیں آیا اور وہ آتا کیسے۔ سکینہ اب اس کے لئے نامحرم تھی۔ لیکن رات بھر وہ بھی روتا رہا اور فجر کی نماز کے لئے حضرت کے ساتھ خانقاہ نہ جاسکا۔ سکینہ صبح کو اس کے کمرے میں گھس آئی اور اس کے گلے میں بانہیں ڈال دیں۔ میرے پیارے، میری جان! تمہیں کیا ہو گیا۔ کہیں شریفوں میں آج تک طلاق ہوئی ہے۔ اس بڈھے کا جنازہ نکلے۔ وہ اپنی حرص میں تم کو مجھ سے چھڑانا چاہتا ہے۔‘‘

واجد نے اس کے ہاتھ اپنے گلے سے ہٹا کے اسے دھکیل دیا۔ ’’سکینہ کیا بک رہی ہو۔ تمہیں حضرت کے متعلق کہتے ہوئے شرم نہیں آتی۔ تمہاری آنکھ کا پانی بالکل مر گیا ہے۔ اب میں تمہارے لئے نامحرم ہو۔ تمہیں میرے سامنے بھی نہ آنا چاہئے تھا۔ صبر کرو، جو کچھ ہے خدا کا حکم ہے۔‘‘

کچھ ایسی بیدردی سے واجد نے اسے دھکیلا تھا کہ وہ دیوار سے لگی روتی رہی۔ لیکن جب واجد کمرے کے دروازے سے باہر جانے لگا تو وہ راستہ روک کر کھڑی ہو گئی۔ ’’میں تو تمہیں نہ جانے دوں گی۔ تم میرے شوہر ہو۔ میں بھی دیکھتی ہوں کون مجھے تم سے چھڑا سکتا ہے۔ میں زہر کھا کے مر جاؤں گی۔ مگر اس بڈھے کھوسٹ سے شادی نہ کروں گی۔‘‘

واجد نے اسے للکار کے ڈانٹا۔ ’’خبر دار مردار اگر تو نے حضرت صاحب کو کچھ کہا۔ ہٹ مجھے جانے دے۔‘‘

اور وہ سہم کے ہٹ گئی۔ واجد کمرے کے باہر نکل آیا مگر اب کوہ طور بھی نظروں سے اوجھل ہو گیا تھا۔ سکینہ نے حضرت سے جو بدتمیزی کی تھی۔ اس پر دو تین منٹ خون کھولا کیا۔ پھر کسی نے دفعتاً بحر منجمد شمالی کو اس کے خون میں حل کر دیا۔ طریقت، سیر افلاک مقامات، جذب، کشف، سلوک، توجہ کے تمام راستے بند ہو گئے تصور شیخ بے شک باقی رہا۔ لیکن اس کے ساتھ ہی سکینہ کی صورت تھی۔ مظلوم، بے کس، بے بس، روحانی شاعری اور کیف کا دروازہ بند ہوا۔ مجازی شاعری کا دروازہ کھل گیا، وصل کا نہیں ، فراق کا۔ ’’میں تو تمہیں نہ جانے دوں گی۔ تم میرے شوہر ہو، میں بھی دیکھتی ہوں ، کون مجھے تم سے چھڑا سکتا ہے۔‘‘

بے خبر چیچک رو نوجوان جو اب تک اپنی بیوی کی جوانی اور اس کے لہریں دوپٹہ کی ترنگ میں شاعری کرتا تھا، اس کو کبھی یہ خیال بھی نہیں گزرا تھا کہ بیوی بھی جاندار ہے اور وہ بھی محبت کر سکتی ہے اور اب تک اس کو روایتی ’’حسن‘‘ کا مظہر سمجھتا تھا اور عشق کو اپنی میراث سمجھے بیٹھا تھا جس کا رخ وہ جدھر چاہے پھیر دے مجاز کی طرف یا حقیقت کی طرف۔ اسے جدائی کے لمحے میں سکینہ کے ’’حسن‘‘ کی بغاوت اس کی بے بسی، اس کا عشق یاد آ گیا اور شعر کا سرچشمہ جاگ اٹھا۔ اسے پہلی مرتبہ احساس ہوا کہ اس سے محبت کی گئی ہے۔ وہ محض عاشق نہیں محبوب بھی ہے۔ کوئی چشم تر اس کے لئے بھی رو رہی ہے۔ اس کے لئے کوئی زلف پریشاں اور الجھی الجھی تھی۔ کسی کے نفس کا زیر و بم اسے بلا رہا تھا۔ کسی کی نظریں اس کی منت کر رہی تھیں۔ اس کی طلب میں کوئی اپنی گھٹی ہوئی تربیت بھول کے لغزش کر رہا تھا۔ کوئی اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے اور پھر چاروں طرف دیکھ کے آہیں بھر رہا تھا۔ یہ آنکھیں خشک ہو جائیں گی۔ مگر جب اس کی یاد آئے گی۔ان سے آنسوؤں کا سیلاب ابل پڑے گا۔ جوش غم، جوش حیا پر بھاری تھا۔ نازک نازک شفاف سینہ نالوں سے زیرو زبر تھا۔ ایک آغوش خالی تھی۔ جو اس کے آغوش کے لئے بے تاب تھی۔ خدنگ نظر، در دنداں ، شعلہ رخ، تیر مژگاں ، لب لعلیں سب میں معشوقانہ علامات عاشقانہ صفات بن گئے تھے۔ آنکھوں سے شبنم آگ بن کے ڈھلک رہی تھی اور حسن کا دل دھڑک رہا تھا اور آخر میں حسن کی وہ شکست، وہ تلوار کی دھار جس کا نام فراق ہے جس سے مفر نہیں۔

اور اس کے بعد اندھیرا ہی اندھیرا۔

وہ نسوانی کشش کی شمع گل کر کے کوہ طور کی طرف بڑھنا چاہتا تھا۔ لیکن وہ جس نے کوہ طور بنایا ہے، اس نے ہمیشہ کے لئے اسے نظروں سے اوجھل کر دیا اب ایک کی جگہ دو مورتیں تھیں۔ دونو ں ایک دوسرے کی ضد ایک مرشد کامل کی صورت، تصور شیخ اور دوسرے سکینہ کی آنسوؤں میں ڈوبی بے بس صورت اسے روکتی ہوئی۔ ان دونوں کی مقناطیسی کشش برابر برابر تھی۔ وہ نہ ادھر جا سکتا تھا نہ اُدھر، اور اس کے لئے ایک ہی راستہ باقی تھا اس گھر سے باہر ان دونوں کی پرستش میں ان دونوں سے دور۔

اس آپ کی زمیں سے الگ آسماں سے دور

اس نے جلدی جلدی دو تین جوڑے کپڑے نکالے۔کچھ روپے اس کے پاس تھے وہ جیب میں ڈالے اور گٹھڑی پیٹھ پر لاد کے چل کھڑا ہوا۔ تین کوس پر ریلوے اسٹیشن تھا۔

میاں گھسیٹے راستے میں ملے اور انہوں نے پوچھا بھی۔ ’’میاں کا بھوا۔ کاہے اتے سیر سیرے اسٹیشن جات؟ ہم تم کا پہنچائے آئیں ؟‘‘

اس نے آنسو روک کے انکار میں سر ہلایا اور آگے بڑھ گیا۔

بیس برس گزر گئے۔ اس درمیان میں اس نے پنجاب کے ایک شاعر اقبال کا بھی ذکر سنا اور اس کا کلام بھی جستہ جستہ پڑھا۔ لیکن اس شعر کے معنی اس کی سمجھ میں نہیں آئے۔

کٹ مرا ناداں خیالی دیوتاؤں کے لئے
سکر کی لذت میں تو لٹوا گیا نقد حیات!

ایسے شعر پڑھ کے وہ کہتا۔ ’’ارماں ! ان پنجابی ڈھگوں کو کبھی شاعری نہیں آئے گی۔‘‘ اس کے برخلاف حضرت معروف بجولوی کا ایک ایک شعر اس کے لئے حرز جاں تھا۔ ایک مرتبہ گھر سے نکلنے کے بعد پھر وہ کبھی ان کے سامنے نہیں آیا۔ کسی شہر میں وہ ہوتا اور حضرت آنے والے ہوتے.... یوں تو حضرت درگاہ شریف کو چھوڑ کر باہر جاتے ہی بہت کم تھے.... تو وہاں سے چل دیتا۔ لیکن اس نے گھر سے نکلنے کے کچھ ہی روز بعد بڑا درد میں ڈوبا معذرت نامہ لکھا اور حضرت نے اسے تہہ دل سے معاف فرما دیا یہ بھی لکھا کہ ’’ہدایت من جانب اللہ ہے۔ کسی کو نصیب ہوتی ہے کسی کو نہیں۔ ہدایت تمہاری قسمت میں نہیں تھی۔‘‘

اس بیس برس کے عرصے میں شاعری میں اس کا اپنا نام حضرت معروف بجولوی کے برابر ہی برابر مشہور ہو گیا۔ اس کی شاعری تھی۔ رندی اور بے نام، بے مقصد عشق کی شاعری۔ ہر جگہ حسن کی پرستاری۔ حسن کے ’’عین‘‘ کی پرستاری۔ ایسا معشوق جو ہر معشوق میں موجود ہے اور اس کا اپنا بجز غزل اور جذبہ شعر کے کہیں مقام نہیں۔

وہ شراب پیتا رہا حافظ کی طرح غالب کی طرح۔یار لوگوں نے کہا کہ اس کے شرب مدام کے دھوکے میں نہ آنا۔ اس نے بھی پیالے میں عکس رُخ یار دیکھا ہے۔ وہ خود بھی شک کے عالم میں تھا۔ ممکن ہے ایسا ہو۔ کون کہہ سکتا ہے کہ اس کے عشق میں حقیقت کس قدر ہے اور مجاز کس قدر۔ خبر کس قدر ہے اور بے خبری کس قدر، بے خبری بہرحال زیادہ تھی اور ایک حد تک افسردئہ انگور تھی۔ یہ نسخہ شاعروں کے لئے افیون سے کسی قدر افضل ہے اور اس سے حسن کی عجیب عجیب کیفیتیں نظر آتی ہیں۔

دہر جز جلوہ یکتائی معشوق نہیں

یار لوگوں نے غالب کو صوفی بنا دیا تو پھر واجد کی شاعری کو کیوں حسن حقیقت یا حقیقت حسن کا پرتو نہ سمجھا جائے۔ پھر اس نے غالب سے زیادہ ’’ترنم‘‘ سے حسن حقیقت کا مشاہدہ کیا تھا۔ شراب میں مدہوش ننگ دھڑنگ سر اور پیر کا ہوش نہیں صرف حسن حقیقت سامنے تھا۔ شعری ترنم، قافیوں ، بندشوں ، استعاروں اور ترکیبوں سے جھلکتا ہوا حسن حقیقت۔حسن ہر طرف سے امڈ چلا آتا تھا۔ نظر نظر میں ، نفس نفس میں سما جاتا تھا۔ ایک پردہ اٹھتا تھا تو لاکھوں پردے گرتے تھے۔لیکن یہ حسن بہرحال بے جہت تھا۔ کبھی ادھر سے نمایاں ہوتا کبھی ادھر سے۔اس حسن حقیقت نے انسان کو الوہیت بخشی، ملکوتیت بخشی، کیف دیا، سرمستی دی۔سب کچھ سکھایا انسان بنانا نہ سکھایا۔ ادھر سے آنسو بہہ رہے تھے،ادھر سے آنسو بہتے رہے اور دور سالہا سال کے اس پار مرشد کامل حضرت معروف بجولوی کا شاندار پر نور چہرہ اور اس کے پاس ہی سکینہ کا بے بس، محبت میں اور نفرت میں بے بس چہرہ، سب ایک خلائے پر نور میں حل ہو جاتے۔ کئی سال ہوئے حضرت معروف بجولوی کی سکینہ سے شادی ہو چکی تھی۔ لیکن کیا ان دونوں کا وصل ان دونوں سے اس کا اپنا روحانی وصل نہیں تھا۔ اسے تمام عالم ایک ہمہ گیر مسلسل آغوش معلوم ہوتا زندگی آغوش در آغوش معلوم ہوتی۔ جیب میں اگر دام ہوتے تو وسکی ورنہ دیسی ٹھرا۔

اس کا کوئی خاص پیشہ نہ تھا اس نے کئی پیشے اختیار کرنا چاہے۔ مگر شاعری کے سوا اور کسی پیشے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ مشاعروں کے لئے سیکنڈ کلاس کا کرایہ اور کبھی کبھی معاوضے کے روپے آ جاتے، پچاس سے لے کر ڈھائی سو تک۔ یہ زیادہ تر شراب پر خرچ ہو جاتے۔ کبھی بچ جاتے تو کوئی دوست زبردستی کپڑے بنوا دیتا۔ اس کا اپنا کوئی مکان نہ تھا۔ یوپی بھر میں ایک شہر سے دوسرے، ایک قصبے سے دوسرے قصبے، ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں۔ وہ کسی نہ کسی کا مہمان ہو کے ہفتوں مہینوں رہتا۔ پھر میزبان یا اس کے نوکروں کی کوئی بات ناگوار خاطر ہوتی اور کہیں سے پیسے آ جاتے تو وہ چل دیتا۔

بیس سال بیت گئے حضرت معروف بجولوی کا انتقال ہو گیا۔ وہ ہفتوں روتا رہا اور بالآخر سب کے کہنے سننے سے ان کے مرقد مبارک کی زیارت کے لئے اس نے بجولی شریف کا ارادہ کیا۔ وہ گھر نہیں گیا۔ جہاں سکینہ تھی۔ سیدھا خانقاہ شریف پہنچا۔ اپنا مختصر سا سامان ایک حجرے میں رکھوایا۔ غسل کیا۔ عطر لگایا، پہلے درگاہ شریف میں فاتحہ پڑھی۔ پھر اپنے مرشد کامل حضرت سید بسم اللہ شاہ معروف کی قبر پر حاضر ہوا وہاں پہنچنا تھا کہ زندگی کے آثار معلوم ہوئے۔ وہی رعب دار نورانی چہرہ سامنے تھا، تصور شیخ، کوئی اسے گلے لگا رہا تھا اور کہہ رہا تھا۔ ’’میں نے تیری تمام نالائقیوں کو معاف کیا۔‘‘ بے تاب ہو کے وہ مرقد سے لپٹ کے رونے لگا۔ جس پر حال ہی میں گچی کا منقش کام ہوا تھا اور نئی نئی ہری چادر چڑھائی گئی تھی۔

وہ اتنا رویا، اتنا رویا کہ اس کی آنکھیں سرخ ہو گئیں۔ پھر وہ اٹھا، میاں گھسیٹے نے کہا۔ ’’بھیا! بی بی بلاوت ہیں۔ تھکے ماندے اتے برس بعد گھر آئے ہو۔ جرا کھانا کھائے لو۔‘‘

اس نے انکار کیا، کہا حضرت کے مرقد کی زیارت کر لی۔ اب واپس جاؤں گا۔ میری طرف سے سلام عرض کر دینا۔ مگر میاں گھسیٹے کے ساتھ سکینہ کا پیغام پھر آیا۔آخر تم میرے ماموں زاد بھی تو ہوتے ہو۔ ایک وقت کا کھانا کھاتے جاؤ تو کیا بگڑ جائے گا۔

وہ گھر آیا باہر کا صحن طے کر کے، اس نے ٹاٹ کا وہ پردہ اٹھایا جو زنانے دروازے پر پڑا رہتا ہے۔ صحن کی موری کے قریب بیچ آنگن میں سکینہ کھڑی تھی۔ اس کے بالوں پر سفیدی غالب آ چکی تھی۔ اس سفیدی پر دھوپ جگمگ جگمگ کر رہی تھی۔ فراق کی گھڑی کی وہ بے تابی اور بے قراری نہیں تھی۔ اس کی جگہ ایک ایسا غم تھا جو بیس سال تک دل کی گہرائیوں میں بس چکا تھا۔ لیکن اس ضبط کے پیچھے اب بھی نظر بے قرار تھی، ہونٹ کانپ رہے تھے، آنکھوں سے خاموش آنسوؤں کا سیلاب بہا چلا جا رہا تھا۔ سر سے قدم تک رعشہ تھا، لرزش تھی۔ یہ وہ رومانی تصویر تھی جو واجد کو اپنی شادی اور شاعری کے زمانے میں اکثر نظر آیا کرتی۔ وہ زندہ تھا، مگر سکینہ آنسو بہا رہی تھی اور باوجود اس تمام عقیدت کے جو تصور شیخ سے وابستہ تھی۔ ایک لمحہ کے اندر واجد پر یہ منکشف ہو گیا کہ یہ آنسو، یہ رعشہ، یہ لرزش سب اس کے لئے ہے۔ حضرت معروف بجولوی مرحوم کے لئے نہیں۔

ایک بار پھر عدت کا زمانہ گزرا ایک بار پھر سکینہ سے اس کا نکاح ہوا اور وہ سنبھل گیا۔ اس کی رندی ذرا ذرا کم ہوئی۔اس کی شاعری میں نشاط اور کیف کی کیفیت پھر سے پیدا ہوئی۔ سکینہ کے منع کرنے اور اس کی زبردستی کے باوجود شراب پھر بھی چوری چھپے پی ہی لیا کرتا۔ کیونکہ کہتے ہیں۔

چھٹتی نہیں ہے منہ سے یہ کافر لگی ہوئی ٭٭٭

٭٭٭
ماخذ:
http://www.urdunagri.com/controller.php?action=Bookpage_List&nId=79
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

تصورِ شیخ