تعبیر سے پہلے
عزم بہزاد
انتساب
اُن ماؤں کے نام جو اپنی اولاد کے خوابوں کی تعبیر نہ دیکھ سکیں
نعتِ رسولِ مقبولﷺ
مجھے اُنؐ کے ذکر کی راہ میں عجب اختیار عطا ہُوا
مرے فاصلوں میں کمی ہوئی مرا قرب مجھ میں سِوا ہُوا
وہ صراطِ خیر کی روشنی وہ وجودِ حرف کی آگہی
یہ اُنھیؐ کی چشمِ کرم تو ہے کہ مَیں اُنؐ کا مدح سرا ہُوا
کئی عہد آ کے گزر گئے مگر اُنؐ کے فضل کا تذکرہ
کبھی خامشی میں اذاں بنا، کبھی گفتگو میں دُعا ہُوا
کوئی نعت ایسی رقم کروں کہ سماعتیں بھی پکار اُٹھیں
یہ نبیؐ کی شان بیاں ہوئی یہ نفس کا قرض ادا ہُوا
وہ برائے حاضری حکم دیں تو میں کس نگاہ سے جاؤ ں گا
مرا قلب اِتنا سیاہ ہے کہ میں رُوح تک ہوں جلا ہُوا
٭٭٭
پیش لفظ
ڈاکٹر جمیل جالبی
1995ء میں جب آٹھ سال بعد مَیںاسلام آباد سے کراچی آیا تو مجھے ایک خیال یہ آیا کہ اُن نئے شاعروں کا کلام پڑھا اور سنا جائے،جو گزشتہ دس بارہ سال سے باقاعدگی کے ساتھ شاعری کر رہے ہیں، اور جن سے میں کم و بیش ناواقف ہوں۔اِس سلسلے میں جب برادرم احمدؔ ہمدانی سے میری گفتگو ہوئی تو اُنھوں نے جن نئے شاعروں کا ذکر کِیا اُن میں عزمؔ بہزاد کانام بھی شامل و نمایاں تھا۔احمدؔ ہمدانی صاحب نے نئے شاعروں کے کچھ شعر بھی سنائے،جن میں عزمؔ بہزاد کے یہ دو شعر بھی شامل تھے:
؎ میں نے کل خواب میں آئندہ کو چلتے دیکھا
رِزق اور عشق کو اک گھر سے نکلتے دیکھا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
؎سوال کرنے کے حوصلے سے جواب دینے کے فیصلے تک
جو وقفۂ صبر آگیا تھا اُسی کی لذت میں آبسا ہوں
یہ دونوں شعر مجھے اچھے لگے، اور اچھے اس لیے لگے کہ ان میں ایک ایسے تجربے کی سچائی تھی، جس سے ہم سب دوچار تو ہوتے ہیں،لیکن اُسے پوری طرح سمجھ اور بیان نہیں کرسکتے۔یہی اِن اشعار کا نیا پن تھا۔اِن اشعار کے لہجے میں ایک ایسا توازن ہے،جس کا رشتہ غزل کی روایت سے جڑا ہوا بھی ہے اور اس سے ا لگ بھی۔یہاں تجربے کی سچائی اور اس کا اظہار ایک امکان کو سامنے لا رہا ہے۔ اِسی امکان سے وہ تازگی پیدا ہوئی جو مجھے اِن اشعار میں محسوس ہوئی اور یہ اشعار مجھے پسند آئے۔
عزمؔ بہزاد کی شاعری کا بنیادی حوالہ تو ’’عشق‘‘ ہے، لیکن اُن کے ’’عشق‘‘ میں چوں کہ ’’رزق‘‘ بھی شامل ہے،اس لیے اُن کے ہاں غمِ عشق اور غمِ روزگار مل کر ایک ہو گئے ہیں،اور اسی عمل سے ان کی شاعری کا رشتہ سماجی شعور سے جڑ گیا ہے۔ دراصل عصرِ حاضر سے رشتہ جوڑ کر ہی شاعری میں گرمیِ اثر پیدا ہوتی ہے،اور روایت کی توانائی اس میں ایک نئی روح پھونکتی ہے۔یہ چند شعر پڑھیے اور دیکھیے کہ کس طرح یہ تینوں عناصر مل کر ایک وحدت،ایک اکائی بن گئے ہیں:
؎ عجب محفل ہے سب اک دوسرے پر ہنس رہے ہیں
عجب تنہائی ہے خلوت کی خلوت رو رہی ہے
؎ میں ایک بے عکس راستے پر نفس کی رفتار دیکھتا ہوں
سفر جو آئینے کی طرف تھا اب اس میں دیوار دیکھتا ہوں
؎ مرے عہد کی محبت ہے سپردگی سے غافل
نہ لحاظِ نقشِ پا ہے، نہ طوافِ بام و در ہے
؎ جو رنگ آنکھ پہ اُترے ہیں سب لہو کے ہیں
اب اِس فضا سے ڈریں بھی ڈر کے جائیں کہاں
؎ جہاں مظلوم خود ہی ظلم کے خواہاں نظر آئیں
وہاں نادیدگی اظہارِ بینائی سے بہتر ہے
؎ہم اپنی سانسیں بحال کرنے یہ کس فضا میں رُکے ہوئے ہیں
یہاں نہ آثارِ درد مندی، نہ کوئی تہذیبِ میزبانی
عزمؔ بہزاد جب اپنے تجربے اور مشاہدے کو بیان کرتے ہیں تو روایت اُن کا ساتھ ضرور دیتی ہے،لیکن یہ تجربہ کچھ اِتنا مختلف ہے کہ لفظ،محاورہ اور روزمرہ کو بدلنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ اِسی تخلیقی سطح پر اُن کی زبان ،روایتی زبان سے قدرے مختلف ہو جاتی ہے۔ مثلاً، یہ چند شعر اور ان میں استعمال ہونے والے الفاظ و روزمرہ دیکھیے:
؎تری نگاہ سے اسلوبِ خامشی سیکھا
اور اپنے آپ کو اہلِ خبر میں راز کیا
؎صرف آواز کہاں تک مجھے جاری رکھتی
میں نے چپ سادھ لی سناٹے کو عادت لکھا
؎دیکھوں جو آئینہ تو غنودہ دکھائی دُوں
میں خواب میں نہیں تو یہ خوابیدہ کون ہے
۔۔۔کاش اس جانب کوئی ایسی نظر اٹھے
کہ میں اک بار اس کی روشنی میں
سر سے پا تک خود کو معلوم کر جاؤں
یہ ہر دور کے شاعر کا مسئلہ رہا ہے کہ وہ اپنے تجربوں کو کس طرح بیان کرے کہ ہر تجربہ لفظوں میں بندھ بندھ کر قاری کو آئنہ دکھانے لگے۔زبان اپنے عصر کو سمیٹتے ہوئے اسی طرح دھیرے دھیرے بدلتی ہے اور یہ کام نثر سے کہیں زیادہ شاعری کے ذریعے ہوتا ہے۔یہ شعر میرے ساتھ اور پڑھیے اور دیکھیے کہ تجربے کی کوکھ سے پیدا ہونے والا جمالیاتی احساس کس طرح روشنی دے رہا ہے:
؎کل سامنے منزل تھی پیچھے مری آوازیں
چلتا تو بچھڑ جاتا رُکتا تو سفر جاتا
؎میں شہر کی رونق میں گم ہوکے بہت خوش ہوں
اک شام بچا لیتا اک روز تو گھر جاتا
؎اے کربِ نارسائی کبھی یہ تو غور کر میرے سِوا ترا یہاں گرویدہ کون ہے
؎اِس برس موسمِ گل سے نہ ملا رنگِ وصال
نہ کسی شاخ سے پیدا کوئی امکان ہُوا
؎چلوں تو کیسے چلوں کاروانِ دہر کے ساتھ
سفر کی شرط ہے رختِ سفر میں اُلجھی ہوئی
؎نگاہ کے آئینے میں لرزاں یہ شعلۂ آرزو نہیں ہے
یہ لمحہ لمحہ سلگ رہے ہیں وجود میں صبر کے معانی
میں نے یہ بیس بائیس اشعار، مختلف حوالوں سے،اس لیے آپ کو سنائے ،تاکہ عزمؔ بہزاد کی تخلیقی صلاحیت کی ایک جھلک آپ کے سامنے آ جائے۔اس تحریر کی یہی تعبیر ہے۔
مجھے یقین ہے اگر وہ اسی طرح دل لگا کر شاعری کرتے رہے تو مستقبل میں اُن کا ستارہ روشن ہو کر خوب چمکے گا۔شاعری اُن کی میراث ہے۔وہ حضرت بہزادؔ لکھنوی کے پوتے ہیں اور ریاضؔ خیرآبادی اور مضطرؔ خیرآبادی ان کی ننھیال اور نجمؔ خیر آبادی اُن کے نانا ہیں۔ بہزادؔ ،ریاضؔ اور مضطرؔ شاعری کے وہ نام ہیں جنھوں نے بیس ویں صدی کی اُردو شاعری پر اپنی تخلیقی قوتوں سے خوب صورت نقوش ثبت کیے ہیں، اور جن کے نام ایوانِ شاعری کے سبزہ زاروں میں آج بھی خوشبو پھیلا رہے ہیں۔اِس میراث کاخود عزمؔ کو بھی احساس ہے:
؎عزمؔ اِس بزمِ تغیر میں تحمل کے سبب
دیکھ اجداد ترے کیسا اثر چھوڑ گئے
میراث کی یہی روشنی ان کا حقیقی سرمایہ ہے،اور یہی روشنی ان کا شعور ہے:
؎ بہارِ حرف و صوت عزمؔ شاعری سے دور تھا
ترا کرم ہُوا تو اس کو یہ کمال آگیا
٭٭٭
اندیشۂ تعبیر کی دُنیا
خواجہ رضی حیدر
میں 1980ء کی وہ ایک شام کبھی بھولتا ہی نہیں،جب روزنامہ’ حریت‘ کے دفتر میں رساؔ چغتائی نے ایک نوجوان کو مجھ سے ملواتے ہوئے کہا کہ’’ یہ عزمؔ بہزاد ہیں۔ بہزادؔ لکھنوی کے پوتے ہیں اور خوب شعر کہتے ہیں۔‘‘رساؔ چغتائی نہ صرف ایک ثقہ، بلکہ اپنی طرز کے واحد شاعر ہیں اور میرا شمار اُن کے مداحوں میں ہے،لہٰذا اُن کا کسی نوجوان کے بارے میں بے ساختہ یہ کہہ دینا کہ ’’یہ خوب شعر کہتے ہیں‘‘ میرے لیے ویسے ہی سند تھا،لیکن جب آئی آئی چندریگر روڈ کے اختتام پر واقع کیفے ’خیرآباد‘ میں عزمؔ بہزاد نے شعر سنائے تو اُن کی شخصیت اور شاعری سنددرسند ہو گئی:
؎گزشتہ رات ہجر کی کلاہ سر سے گر پڑی بس اِس گمان پر کہ موسمِ وصال آگیا
؎رات ترے خرام پر یاروں میں بحث چھڑ گئی
آخرِ کار صرف میں تیرا گواہ ہو گیا
عزمؔ بہزاد تو شعر سنا کر رخصت ہو گئے،مگر مَیں اُن کے اشعار کی کیفیت میں بہت دنوں تک گرفتار اُن کی واپسی کا انتظار کرتا رہا۔پھر تقریباً دو ماہ بعد ایک دن عزمؔ دو بارہ حریت کے دفتر آئے اور کچھ نئی غزلیں سنائیں۔یہ غزلیں بھی خوب تھیں ،مگر نہ معلوم کیوں اِس مرتبہ اُن کی شاعری سے زیادہ اُن کی شخصیت میری توجہ کا مرکز بنی رہی۔سترہ اٹھارہ سال کا سِن،میٹرک کاسرٹیفکیٹ،اہلِ خانہ کو اقتصادی بحران سے نجات دلانے کے لیے بہ طور روزگار خوش نویسی کا آغاز،شہرسے دُور لانڈھی کی سکونت،خاندانی اختلاف کی زد پر آئے ہوئے روز و شب،باپ کی دُوری کا دکھ اور ماں کی دل جوئی کے خواب،شعر و ادب کے حوالے سے خاندانی روایت کی پیروی اور اِس پیروی میں انفرادیت کی تلاش،تہذیب و شائستگی میں ڈوبا ہوا لب و لہجہ،آنکھوں میں موج در موج ذہانت اور زبان پر اساتذہ و معاصر شعراء کے اشعار کی ریل پیل۔ میری اُس وقت کی پندرہ سالہ صحافتی و ادبی میں عزمؔ بہزاد پہلا نوجوان تھا،جس نے میری حیرت کو وسعت دی اور میرے قیاس کو بے پایاں کر دیا،لہٰذا مَیں چند گھنٹوں میں ہی اُس کی ملاقات کو برسوں پر محیط تصور کرنے لگا۔سکونتی فاصلوں اور روزگار کی مصروفیتوں کے باوجود عزمؔ سے ملاقاتیں تواتُر اختیار کر گئیں۔ان ملاقاتوں میں جہاں مَیں عزمؔ کی زندگی کے پنہاں وپیدا نشیب وفراز سے واقف ہوتا چلا گیا،وہاں اُس کی شاعری بھی میرے حافظے کا حصہ بنتی چلی گئی۔پھر ایک دن جب مرحوم سلیمؔ احمد نے مجھ سے دریافت کیا کہ ’’بھئی خواجہ نئے لڑکوں میں اچھا شعر کو ن کہہ رہا ہے‘‘ تو میری زبان پر عزمؔ بہزاد کا نام ہی نہیں آیا،بلکہ میں نے فوراً ایک شعر بھی سنادیا:
؎غمِ جہاں تُو کبھی رہ گزارِ اُلفت پر
سفر نہ کرنا کہ یہ رہ گزر ہماری ہے
سلیمؔ بھائی شعر سُن کر اپنے مخصوص اندازمیں کُرتے کا گریبان کھینچ کر کھڑے ہو گئے۔۔۔سگریٹ کا طویل کش لیا اور مجھ سے کہنے لگے۔’’خواجہ شعر سناؤ۔‘‘ جیسے وہ اپنا ردھم ٹوٹنے نہ دینا چاہتے ہوں۔ میں نے شعر دُہرایا تو اُن آنکھوں میں ایک چمک اِدھر سے اُدھر ہو گئی۔وہ کمرے میں ٹہل ٹہل کر خود کلامی کے سے انداز میں زیرِ لب کچھ کہتے رہے۔پھر جب آواز ذرا بلند ہوئی تو میں نے سنا ،وہ عزمؔ کا شعر دُہرا رہے تھے:
؎غمِ جہاں تُو کبھی رہ گزارِ اُلفت پر
سفر نہ کرنا کہ یہ رہ گزر ہماری ہے
اُ س شام سلیمؔ بھائی نے شعر کی نئی معنویت،جدید آگہی اور تخلیقی جوہر کے طلسم پر بڑی فکر انگیز گفتگو کی، اور یہ گفتگو اُس وقت ختم ہوئی جب سلیمؔ بھائی کا کمر ا ادیبوں اور شاعروں سے بھر گیا، اور یہ طے ہوا کہ مزید گفتگو کسی ہوٹل میں بیٹھ کر کی جائے۔سلیمؔ بھائی نے اُس ملاقات میں عزمؔ بہزاد سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی اور بعد میں نئے شعراء کو سننے کے لیے ایک نشست کا اہتمام بھی کیا گیا،لیکن بعض بد خواہوں نے باوجود تاکید کے عزمؔ کو اس نشست کی اطلاع نہیں پہنچائی۔نتیجہ یہ کہ سلیمؔ بھائی چند ماہ بعد یکم ستمبر1984ء کو اچانک اس دنیا سے رخصت ہو گئے اور عزمؔ کی اُن سے ملاقات نہ ہوسکی۔بعض ملال انسان کا عمر بھر تعاقب کرتے ہیں،سو سلیمؔ بھائی سے عزمؔ بہزاد کی عدمِ ملاقات بھی میرے لیے ایک ایساہی ملا ل ہے، اور شاید اِس ملال کی پاس داری میں آج تک عزمؔ کی شاعری میں اسی طرح involveہوں جس طرح روزِ اوّل تھا۔
عزمؔ بہزاد یقیناً اسّی کی دہائی میں متعارف ہونے والے کراچی کے نوجوان شعراء میں سے ایک ہیں جو بہت جلد اپنے پیش رو اور معاصر شعراء کی توجہ کا مرکز بنے ۔محشرؔ بدایونی،احمدؔ ہمدانی،رئیسؔ فروغ،محبؔ عارفی،نگارؔ صہبائی،جمالؔ پانی پتی،حمایت علی شاعرؔ ،صہباؔ اختر،رضی اختر شوقؔ ،خالدؔ علیگ،انجمؔ اعظمی، کرارؔ نوری،جوہرؔ سعیدی اور سرشارؔ صدیقی نے جہاں عزمؔ بہزاد کی حوصلہ افزائی کی،وہاں جونؔ ایلیا،انور شعورؔ ،عبیداللہ علیمؔ ،سحرؔ انصاری،نصیرؔ ترابی،صابرظفرؔ ،احسنؔ سلیم، ثروتؔ حسین،پیرزادہ قاسمؔ ،پروینؔ شاکر ، جمالؔ احسانی،شاہدہؔ حسن اور سلیمؔ کوثر نے عزمؔ کی شعری صلاحیتوں سے توقعات کا رشتہ اُستوار کیا،اور عزمؔ کا لب و لہجہ ہی نہیں ،فکرو احساس کا نظام بھی خوب سے خوب تر ہوتا چلا گیا۔1984ء میں اُس نے احمدؔ ہمدانی کے ایما پر عزیز حامد مدنیؔ کی زمین ’فراق سے بھی گئے ہم وصال سے بھی گئے‘ میں غزل کہہ کر اپنے ہم عصروں کو ہی نہیں،بلکہ عزیز حامد مدنیؔ کو بھی اپنے بارے میں خوش گمان کیا۔
؎عجیب حال ہوا شہرِ غم گساراں میں خوشی بھی ہاتھ نہ آئی ملال سے بھی گئے
یہی وہ مرحلہ ہے جہاں سے عزمؔ بہزاد نے ایک طویل جست لی۔ خود کو مشاعروں کی سطح پر متعارف کر دیا۔کہیں اپنے مسحور کن ترنم سے دلوں کو جیتا تو کہیں اپنے شعری سبھاؤ سے اہلِ فن کو اپنا بنا لیا۔پھر دیکھتے ہی دیکھتے بھارت اور مشرقِ وسطیٰ میں اُس پر پذیرائی کے دروازے کھلتے چلے گئے۔ میں ذاتی طور پر مشاعرے بازی کے کچھ زیادہ حق میں نہیں ہوں،کیوں کہ اس میں تحسینِ ناشناس کی بِنا پر نہ صرف خودپسندی کا شکار ہونے کا احتمال رہتا ہے،بلکہ وقت کا زیاں بھی ہوتا ہے،لیکن کیا کیا جائے کہ فی زمانہ اس کے علاوہ کوئی چارہ بھی نہیں، کیوں کہ شعری مجموعے کا قاری نہ اب عوام میں ہے اور نہ خواص میں۔یہی وجہ ہے کہ جس ملک میں گزشتہ پچا س سال سے اُردو کو قومی زبان بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہو،وہاں کتاب کی تعدادِ اشاعت گیارہ سو سے کم ہو کر پانچ سور ہ گئی ہے اور اسے بھی اہلِ ذوق میں تحفتاً تقسیم کرنا پڑتا ہے۔
میں تقریباً اٹھارہ سال سے عزمؔ بہزاد کی شاعری سُن رہا ہوں،لیکن اُس کی مجموعی شاعری کے حوالے سے کبھی غور و فکر نہیں کیا تھا،البتہ جزوی طورپرکسی غزل کی وحدتِ تاثیریاکسی شعر کی اشارتی معنویت کے حوالے سے متعدد بار گفتگو ہوئی،مگر اب جو عزمؔ کی مجموعی شاعری کے مطالعے کا موقع ملا تو جہاں ایک طرف زندگی کے متنوع منظر ذہن پر روشن ہوئے وہاں یہ اندازہ بھی ہوا کہ فنی و فکری لحاظ سے وہ تمام مثبت زاویے عزمؔ کی شاعری میں موجود ہیں جو اُردو کی اہم شاعری کا کل بھی لازمہ تھے اور آج بھی لازمہ ہیں۔دراصل عزمؔ کی شاعری کی فنی نہج روایت کے گہرے شعور پر اُستوارہوئی ہے،اور فکر عصری آگہی سے آمیز ہوکرسماج کی تغیر پذیر صورتِ حال کا احاطہ کیے ہوئے ہے،اس لیے عزمؔ کے ہاں جدیدیت اُن معانی میں موجود نہیں ہے جو نثری نظم کے دل دادگان کا سینہ شق کرسکے،البتہ تازہ کاری کا ایک سیلِ سُبک اس کی پوری شاعری میں رقصاں ہے،جسے موضوعاتی تنوع کے اعتبار سے عصری حسیت قرار دیا جا سکتا ہے،اور یہ عصری حسیت اُس وقت اور زیادہ دل پذیر ہو جاتی ہے جب کسی ذاتی تجربے کو کائناتی وسعت دے کر پیش کیا جائے۔
؎ہمارے لہجے میں یہ توازن بڑی ریاضت کے بعد آیا
کئی مزاجوں کے دشت دیکھے کئی رویوں کی خاک چھانی
؎اے خوابِ پذیرائی تُو کیوں مری آنکھوں میں
اندیشۂ دنیا کی تعبیر اٹھا لایا
؎جس راہ سے بچ کے چل رہے تھے اُس راہ کی گرد ہو رہے ہیں
؎اے طعنہ زنو دوچار برس تم بول لیے اب دیکھتے جاؤ
شمشیرِسخن کس ہاتھ میں ہے،کس خون میں لذت جاگی ہے
عزمؔ بہزاد بلاشبہ گزشتہ عشرے میں اپنی شاعرانہ صلاحیتوں کے حوالے سے اعتبار کی سند پانے والا ایک ایسا شاعر ہے کہ آج اس کے ہم عصر ہی نہیں،بلکہ پیش رو بھی اُس کے مصرع کی فنی و تاثیری توانائی کو رشک سے دیکھتے ہیں۔ اس کے ہاں الفاظ نئی توانائی،نئے ذائقے اور ایک نئے پیش منظر کے ساتھ ملتے ہیں۔موضوعاتی سطح پر داخلی انکشافات تحیر کو مہمیز کرتے ہیں تو خارجی اظہار اشارت میں بدل جاتا ہے۔وہ استفہامی لہجے میں کلام کرنے کے ہنر سے خوب واقف ہے اور یہ واقفیت اسے غالبؔ سے یگانہؔ کی طرف اور یگانہؔ سے عزیز حامد مدنیؔ کی طرف لاتی ہے۔
؎ہر شخص دوسرے کی ملامت کا ہے شکار آخر یہاں کسی کا پسندیدہ کون ہے
؎اس آنکھ کے خلاف ہم اک آئینہ لیے حیراں کھڑے ہیں مجمع اہلِ شہود میں
؎یہ کھیل درمیانِ نگاہ و دریچہ ے اِس دائرے میں اِتنے تماشائی کس لیے
؎وہ دِیا کیوں نہ کسی رات کے باطن میں جلا
وہ دعا کیوں نہ گئی اپنے اثر سے آگے
ادب اورسماجیات کا گہرا رشتہ ہے اور ذہنی رویوں کی حدود سماجی شعور سے متعین ہوتی ہیں۔ عزمؔ کا سماجی شعور مصائب و مشکلات کی ایک طویل مسافت سے بالیدہ ہوا ہے،اس لیے نہ چاہتے ہوئے بھی یہ شعور اُس کی شاعری میں جگہ جگہ الم انگیز ہے۔کسی نے کہا تھا کہ شاعری عافیت کی دشمن ہوتی ہے۔یہ کلیہ کہاں تک دُرست ہے یہ تو بحث طلب مسئلہ ہے،لیکن عزمؔ بہزاد اپنی شاعری میں عافیت کا متلاشی بھی نظر آتا ہے اور اپنی نفسی سیر چشمی کا اعلان بھی کرتا رہتا ہے،جس کی بِنا پر اُس کے ہاں رویوں کی کشمکش اِس طرح ظہور کرتی ہے کہ وہ اپنے اظہار میں کبھی خودپرستی کی سمت مائل دکھائی دیتا ہے تو کبھی اپنی ذات کی نفی پر اِس قدر آمادہ ہو جاتا ہے کہ اسے کائنات بے حقیقت اور زندگی ایک واہمہ نظر آنے لگتی ہے۔
؎کچھ دن سے ہم نے خود کو محتاط کر لیا ہے
کب تک کسی سے رکھتے اُمیدِ خوش گمانی
؎نہ جانے کب سے مرے روز و شب کا حصہ ہیں
نفس کی تیز رَوی اور حسابِ تنہائی
؎اک اذیت کے کئی در تھے جو مجھ پر ہی کھلے
اک توقع کے نتیجے میں یہ سامان ہوا
؎اُس آنکھ کی حدود میں جو کچھ ہے اُس کا ہے
ہم یوں ہی خوش ہیں وسعتِ جاگیر دیکھ کر
؎کوئی آسان رفاقت نہیں لکھی میں نے قرب کو جب بھی لکھا جزوِ رقابت لکھا
ماہرینِ سماجیات کے نزدیک محبت اور ضمیر دونوں تغیر پذیر بھی ہیں اور معنوی تضادات کے عکاس بھی۔محبت کہیں نفرت ہے اور ضمیر کہیں بے ضمیری۔عزمؔ بہزاد ایک سماجی بحران سے گزرا ہوا آدمی ہے۔اُس نے سماجی جبریت کو نہ صرف اپنی ذات پر برداشت کیا ہے،بلکہ اس نے اس جبریت کا پامردی سے مقابلہ بھی کیا ہے۔انسانی رشتوں کے درمیان مفادات کے تحت پیدا ہونے والے تعلقات کے آزار نے اُس کی سوچ میں ایسی گرہیں ڈال دی ہیں کہ عملی طور پر اگر وہ کہیں اس آزار سے نجات حاصل کر بھی لے تب بھی وہ ایک محتاط اور کہیں کہیں مشکوک آدمی کی طرح زندگی بسر کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔میں نفرت اور محبت کو موروثی تصور نہیں کرتا۔یہ جذبے خارج سے انسان کے داخل پر اثرانداز ہوتے ہیں اور بسا اوقات داخل کا حصہ بھی نظر آنے لگتے ہیں۔عزمؔ کے ہاں محبت اور نفرت انسانی رشتوں کے حوالے سے ہے کسی افلاطونی عشق کے حوالے سے نہیں،اس لیے اگر اس کے ہجر و وصال کی تہ میں جھانک کر دیکھا جائے تو وہاں بھی سماجی جبریت ہی بنیادی عنصر کے طور پر موجود ملے گی۔محبت اب ارادے کی صورت اختیار کر گئی ہے اور نفرت بھی سریع الاظہار نہیں رہی،اس پر بھی مصلحت غالب آ گئی ہے۔ایسی صورت میں نفسی جذبوں کا ادراک محال ہو گیا ہے۔گویا نفرت اور محبت دونوں ہی اپنے بطون میں متضاد رویوں کا ہجوم لیے ہوئے ہیں،لہٰذا سماجی آزار کی زد پر آئے ہوئے کسی شاعر کے تخلیقی نفس کا تجزیہ کس طرح کیا جا سکتا ہے؟بس ہمیں اس کے اشعار کے معنوی تناظر اور تلازماتی فضا کے حوالے سے ہی اس کے اظہار سے متمتع ہونا پڑ ے گا۔بہ صورتِ دیگر ہم اُس لطافت سے محروم ہو جائیں گے جو ایک اچھے شعر کا خاصّہ ہوتی ہے۔
؎خموش ہوں کہ مسلسل یہ عمرِ بے فرصت
کسی سوال کی صورت ہے گھر میں اُلجھی ہوئی
؎صبح کو تنگ کیا خود پہ ضرورت کا حصار
شام کو پھر اسی مشکل سے نکلتے دیکھا
؎اک ہجر تھا سو وہ بھی رہا شور و شر میں گم
اک وصل تھا سو وصل کو شدت نہ مل سکی
؎وہ دشمنی ہی نہیں جس سے زندگی ہو محال
وہ دوستی بھی نہیں ہاتھ ہم بڑھائیں کہاں
؎میں تو آسودگی کا کوئی خواب یوں بھی نہیں دیکھتا
جس کو چلنے کی عادت ہو وہ تو ٹھہرتے ہی تھک جائے گا
؎شامِ تکمیلِ خواہش تھی اور سیلِ وارفتگی
لیکن اندیشے کانوں میں سرگوشیاں کر گئے
؎میں نے کل خواب میں آئندہ کو چلتے دکھا
رِزق اور عشق کو اک گھر سے نکلتے دیکھا
؎یہ ماتھے پر پسینے کی جو لرزش تم نے دیکھی
یہ اک چہرے پہ لاحاصل مشقت رو رہی ہے
؎وہ جس کا ذکر وصل و ہجر کی حکایتوں میں ہے
ہمیں کہیں وہ ایک شب کا میہماں نہیں ملا
فکر اور احساس کو وسعت دے کر پیکر میں ڈھالنے کا ہنر بڑی مشکل سے آتا ہے۔ مروّجہ لفظیات اور تراکیب بیانیہ شاعری میں آسانی سے کھپ جاتی ہیں،لیکن شاعرانہ وجاہت پیدا نہیں کرتیں،جب کہ محسوسات کی شاعری میں سامنے کی لفظیات و تراکیب معنویت کی تہوں کو اُبھارتی ہیں اور ابہام کا بھی احتمال نہیں رہتا۔عزمؔ بہزاد نے مروّجہ لفظیات و تراکیب کے ساتھ ہی ساتھ ایسے خارجی الفاظ کو بھی اپنے مصرعوں میں پرویا ہے کہ ان سے محسوسات دو آتشہ ہو گئے ہیں۔عزمؔ بہزاد لفظ کو اُجالتے نہیں،بلکہ جذبہ و تاثیر کو لفظ میں سمیٹ کر خیال کی سطح پر کوئی جست لگانا چاہتا ہے اوراُس نے یہ جست لگائی بھی ہے۔
؎کہاں کی دنیا، کہا ں کی سانسیں کہ سب فریبِ حواس نکلا
جزا کی مدت سمجھ رہا تھا سزا کی مہلت میں آبسا ہوں
؎کسی شاخِ سبزکی چھاؤں میں کوئی کانٹا چبھ گیا پاؤں میں
میں زیادہ دیر جو چپ رہا تو فضا کی چیخ نکل گئی
؎اہلِ تردید سے کہہ دو کہ نہ رستے سے ہٹیں
ہم نکلنے ہی کو ہیں اپنے ہنر سے آگے
؎کسی دیوار پر ناخن نے لکھا ہے رہائی
کسی گھر میں اسیری کی اذیت رو رہی ہے
عزمؔ ؔ بہزاد تمام و کمال شاعر ہے۔اس کے ہاں خود کلامی، ہم کلامی سے تعلق جوڑتی ہے،اور وہ کسی محفل میں روز چہرے بدل جانے کی روایت کے مقابلے میں ایک گوشے میں اپنے منظر سے مطمئن نظر آتا ہے۔حصولِ رزق کی نفس سوختنی میں بھی جمال کی دوشیزگی نکھرنے کا تمنائی ہے۔وہ آئینے کو آئینہ سمجھتا ہے،نقش بر آب کشیدن کے خبط میں مبتلا نہیں۔ایک تہذیبی آدمی کی طرح وہ نیّتِ شب خون کے باوجود دشمن کے سرہانے سے شمشیر اُٹھا لانے کی رسمِ شجاعت سے واقف ہے۔بے فرصتی کے ہاتھوں اپنی پائمالی اورکسی سے ملنے کی آرزو میں اس کی فرقت میں بس رہنے کو اپنا حوصلہ کہنے کی جرأت رکھتا ہے، اور نگاہ کے آئینے میں لرزاں شعلۂ آرزو کی موجودگی سے وجود میں صبر کے معانی تلاش کرتا ہے۔صبح سے شام تک اَن گنت خشک لوگوں سے ملنا اور پھر آدمیت کی گمشدگی کا زندگی سے شکوہ کرنااُس کی اعلیٰ نسبی کی دلیل ہے۔
ہر زمانے کی غزل کا اپنا ایک پیمانہ ہوتا ہے اور اس زمانے میں خاص طور پر اُردو کی گلوبل سوسائٹی کے فکری دارالحکومت کراچی کی غزل کا پیمانہ عزمؔ بہزاد کے ہاں لبالب ہے۔1980ء کا عزمؔ بہزاد 1997ء میں نہ صرف ایک مکمل و معتبر شاعر ہو چکا ہے،بلکہ اپنے بعد آنے والوں کے لیے ایک فکری سمت نما کی حیثیت بھی اختیار کر گیا ہے۔اس کی شاعری بقول عزیز حامد مدنیؔ ’’زندگی کی تمثیل میں پوری شرکت کی شاعری ہے‘‘۔زندگی کے پنہاں و پیدا گوشوں کی عکاسی کرنے والی شاعری ہی آنے والے زمانوں میں نہ صرف عمرانی تسلسل کو برقرار رکھتی ہے، بلکہ اپنے حسب نسب کا اعلان بھی کرتی رہتی ہے۔
٭٭٭
؎لکھنے والوں نے تو ہونے کا سبب لکھا ہے
میں نے ہونے کو نہ ہونے کی وضاحت لکھا
تعبیر سے پہلے
میری آنکھ ایک ایسے گھر میں کھلی جس کے در و دیوار نے شعر و ادب اور علم و فضل کی توقیر کے سواکوئی دوسراذکر ہی نہیں سُنا۔جب کبھی اہلِ خاندان یکجا ہوتے،صاحبانِ فضل و کمال پر گفتگو سلسلہ چھڑ جاتا اور اُن کی خصوصیات بہ ذریعہ علم طے کی جاتیں۔نانی اور دادی کے درمیان کسی لفظ کے تلفّظ پر اختلاف ہو یا نانا جان،دادا کے کسی شعر میں ایک آنچ کی کسر محسوس کر رہے ہوں،میری معصومانہ موجودگی ایک غیرمحسوس اکتساب اور غیر معمولی احساسِ تفاخر کو اپنے اِردگردمحسوس کرتی۔
اپنی قدروں کو اپنے سینے سے لگائے ہوئے یہ بزرگ اپنے باطن میں اس قدر آسودہ حال تھے کہ ظاہر میں وجود کو شکستگی سے دوچار کرنے والی اقتصادی ناہمواری ان کے پائے استقامت میں لغزش اور پیشانی پر کبھی کوئی شکن پیدا نہ کر سکی۔یہ ضبط و صبر کے سائے میں پرورش پانے والی اور ارتقائے ذات سے ہم کنار کرنے والی باطنی سرشاری کی روایت ہے۔
میں اسی روایت کے زیرِ اثر تربیت پانے والا اور وراثت کی امانت سنبھالے ہوئے راہِ حرف سے گزرنے والا وہ محتاط قلم کار ہوں جس کی لُغت میں بے شمار رائج الوقت الفاظ اپنے معانی میں قطعاً مختلف کیفیات رکھتے ہیں۔مجھے یہ کہنے میں ذرّہ برابر عار نہیں کہ زندگی کی اس مادّہ پرستانہ حالت میں جسے "New System of Life''کہا جاتا ہے،میری مثال اُس اجنبی کی سی ہے جو اپنی آنکھوں میں کچھ خواب سجائے ایک ایسی منزل کی سمت آ نکلا جہاں تعبیر کی تلاش اُس کا مقدر بن گئی۔ دنیا کچھ اس تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے کہ زندگی کے بارے میں قائم کیے گئے تمام اندازے فضول محسوس ہونے لگے ہیں۔جُزوقتی فائدوں پر ہمہ وقت نظر رکھنے والا یہ عہد جس طرح خاندان کی اکائی کو کو منتشر کرتا جا رہا ہے،جس طرح رشتوں کی نازک ڈوریوں کو کاٹ رہا ہے اور جس طرح تعلقاتِ عامّہ کی عیارانہ اصلاحات تشکیل دینے میں مصروف ہے،اُس میں مجھ جیسا لکھنے والا اپنے قلم سے وہ حصار کھینچنے میں کوشاں ہے جس کے دامن میں تہذیب و عافیت اور خیر و برکت کے نخلستان آنے والوں کو سیرابی کے سامان فراہم کرسکیں۔مجھے خوشی ہے کہ میں اس جہاد میں تنہا نہیں،بلکہ میری نسل کا ہر لکھنے والا اپنے اپنے احساس کی استعدادپر یہ کارِ لازم انجام دے رہا ہے۔
میں رُوداد اور بیان کے ہمراہ اپنی سرگزشت کے جس مرحلے میں ہوں وہاں کوئی دعویٰ بے معانی نظر آتا ہے۔کسی خوش گمانی میں غرق رہنے کی بجائے،میں یہ بات اچھی طرح جانتا ہوں کہ کسی پڑھنے والے کو رُوداد کمزور معلوم ہو سکتی ہے تو کسی سننے والے کو اس کا بیان بے تاثیر محسوس ہو سکتا ہے۔ معلوم اور محسوس کی اس بحث میں، مجھے اس بات کی قطعی پروا نہیں کہ رُوداد اور بیان کا تناظر کتنے لوگوں کو مجھ سے دُور کرتا ہے اور کتنوں کو قریب۔ہاں، یہ بات یقیناً میرے لیے تشویش کا باعث ہو سکتی ہے کہ کون لوگ اس وظیفے کی پیشکش میں مجھ سے دُور ہو گئے۔یہ ’کون‘ اور ’کتنے‘ کا فرق مجھے میرے بزرگوں نے بتایا اور بحمد للہ آج تک اس تفریق کے سہارے ، میں اپنی بے چین ساعتوں کا گوشوارہ اس یقین کے ساتھ درج کر رہا ہوں کہ مجھے کتنے نہیں ’کچھ‘ لوگوں سے اپنی ہم نوائی کا رشتہ قائم کرنا ہے۔یہ الگ بات کہ اس عمل میں یہ ’کچھ لوگ‘ بے حد شمار ہونے لگیں۔
میں نے بزرگی اور اس کے فیضِ نسبت کو ہمیشہ مقدم جانا ہے۔صاحبانِ فیض سے نیاز مندی میرے وجود کو ایک ایسی تلاش میں سرگرداںرکھتی ہے جو مجھے زندگی کا اصل سبب معلوم ہوتی ہے۔محبت کے بارے میں میرے خیالات تقریباً وہی ہیں جو دوسرے بیان کر گئے ہیں،البتہ اظہار کی سطح پران کے برتنے کا ڈھنگ شاید مختلف ہے۔ہجر و وصال کی کیفیات اگر ان دو لفظوں (ہجر،وصال)تک ہی محدود رہتیں تو شاید کسی گونج (Echo)کا شکار ہو جاتیں،لیکن یہ معاملات کیوں کہ مجھے درپیش رہے،لہٰذا ان کے بیان کی صورتِ حال بھی غالباً آپ کو مختلف نظر آئے گی۔ یہاں میں یہ بھی عرض کرتا چلوں کہ کسی بھی نئے رجحان کو قبول کرنے میں،میں ہمیشہ تاخیر کا شکار رہا۔الفاظ،افراد،لباس ،ماحول حتیٰ کہ کھانے (Dishes)جن سے مکمل طور پر آشنائی نہیں ہوئی، میرے معمولات کا حصہ نہ بن پائے یا انھیں اس دائرے میں آنے میں خاصی دیر ہوئی۔
میں خواب اور تعبیر کے درمیان ایک ایسے برزخ میں موجود ہوں جہاں اعتبارِ وجود کی امکانی آواز ابھی تک میری سماعت کا حصہ نہیں بن سکی،اور یہ جبر آج کا نہیں،بلکہ اس کی عمر پاؤ صدی کے قریب پہنچنے والی ہے۔پہلے میرے ہاتھ میں قلم دیا گیا، پھر اس امکانی آواز کے انتظار میں جھونک دیا گیا،جس نے بے سماعتی کے دنوں میں مجھے خواب تو دکھا دیا،لیکن تعبیر سے ملاقات تک میرے کانوں میں خاموشی اُنڈیل دی۔میں لکھتے رہنے کے آزار سے راحت کشید کرتا ہوا آج اُس منزل پر آ پہنچا ہوں کہ آواز کا انتظار مجھے مزہ دینے لگا ہے۔میری سانسیں ابھی پھولی نہیں ہیں،بس ذراسی دیر کو اپنا سفر روک کر اُن ساعتوں اور موسموںکویکجا کیا ہے جو اِن بیس پچیس برس میں مجھے دُکھ سکھ کے نشیب و فراز سے گزارتے ہوئے یہاں تک پہنچانے کا ذریعہ بنے۔
’’تعبیر سے پہلے‘‘ ان دُکھوں اور سُکھوں کا روزنامچہ ہے جو وقت کی تیز رَوی کے باوجود میرے محسوسات نے محفوظ کر لیا ۔یہ میر ے زادِ سفر کی سب سے معتبر پونجی ہے۔مجھے نہیں معلوم کہ اسے پڑھنے والے میرے اُس انتظار کو سمجھ سکیں گے جو تعبیر تک پہنچنے کے لیے ایک امکانی آواز کی طلب میں آج بھی میرے وجود میں آباد ہے،اور اگرایسا ہوا کہ یہ انتظار پڑھنے والوں کی حسّیات سے ہم آہنگ ہو گیا تو میرے خیال میں یہی تعبیر ہو گی۔
میری شعر گوئی اور ادبی تعلقات کا آغاز تقریباً ساتھ ہی ساتھ ہوا۔1972ء میں شادابؔ ؔ احسانی اور اخترؔ سعیدی سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ وقت گزرنے پر دراز ہوتا گیا اور سلیمؔ کوثر،ایوب پیامؔ ،شاہدؔ حمیداور اجملؔ سراج سے ہوتا ہوا،آج سعیدؔ آغا ،لیاقت علی عاصمؔ ،معراجؔ صاحب،انورؔ جاوید ہاشمی،ڈاکٹر عبداللہ جاویدؔ ،ٖظفرؔ خان،ماجدؔ زیدی،خالدؔ معین،فیاضؔ وید،انیق احمد،محمدعلی ظفرؔ ،عرفانؔ ستّار، عبدالرزاق معرفانیؔ اور مبینؔ انصاری تک محیط ہے۔دوستی کی اس جگمگاتی رہگزر میں میر ے دو روشن سنگِ میل خواجہ رضیؔ حیدر اور احسنؔ سلیم ہیں۔مجھ سے عمر میں بڑ ے ہونے کے باعث بڑ ے بھائیوں کی طرح اور بے تکلفی کے حوالے سے خالص دوستوں کا برتاؤ رکھنے والے یہ ’’درویش و مرشد‘‘ جن سے میری وابستگی کو اٹھارہ اُنیس برس ہو چکے ہیں،میرے حلقۂ تعلق کا قابلِ فخرسرمایہ ہیں۔ان کی رہنمائی میں،میں نے پڑھنے لکھنے اور زندگی گزارنے،یعنی محبت کی سمت سیدھی رکھنے کے ڈھنگ سیکھے ہیں۔
اِس مجموعے کی تیاری میں میرے ایک اور بے مثال دوست اور دبئی میں عالمی مشاعروں کے بانی سلیمؔ جعفری کا ناقابلِ فراموش تعاون شامل ہے۔محض سات برس کے تحریری روابط ہمارے درمیان ایسا تعلق قائم کر چکے ہیں جس کا موازنہ اتنے کم عرصے میں شاید ہی کسی اور دوستی سے کیا جاسکے۔دسمبر1995ء میں جب سلیمؔ بھائی کے جشن(جشنِ سپاس) میں شرکت کے لیے دبئی گیا تو وہاں انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’’عزمؔ ،تمھارا مجموعہ اب آ جا نا چاہیے۔‘‘ میں نے ان کی توجہ وسائل کے فقدان کی جانب دلائی تو ان کا دستِ محبت میرے کندھے پر اس فقرے کے ساتھ آ ٹھیرا، ’’یہ تمھارا نہیں، ہمارا مسئلہ ہے۔‘‘ تقریباً تین روز کے بعد ایک محفل میں اپنے احباب کو مخاطب کرتے ہوئے سلیمؔ بھائی نے کہا،میں آپ حضرات کے تعاون سے عزمؔ بہزاد کا شعری مجموعہ شائع کرنا چاہتا ہوں۔‘‘اور دیکھتے ہی دیکھتے مذکورہ احباب نے اپنے تعاون کی پیشکش کر دی۔آج ’’تعبیر سے پہلے‘‘ کا اِجرا انھی صاحبانِ محبت کا مرہونِ منت ہے۔میں سلیمؔ بھائی کے ساتھ ساتھ شاہدہؔ بھابی، ڈاکٹر احمدمستنصرباللہ اور دیگر کرم فرما (جن کے اسمائے گرامی بدقسمتی سے اس وقت حافظے میں نہیں) کا انتہائی شکر گزار ہوں کہ ان کے مالی و اخلاقی تعاون سے یہ کام پایۂ تکمیل کو پہنچا۔
اِس کتاب کے منظرِ عام پر آنے کی سب سے زیادہ خوشی میری شریکِ حیات حمیراؔ کو ہے۔ حمیراؔ میری زندگی میں وہ عطیۂ خداوندی ہے جس پر شکر کرنے کے لیے یہ عمر غالباً ناکافی ہے۔ گھریلو ذمے داریوں میں مجھ سے زیادہ ہاتھ بٹانے والی اور خصوصاً تخلیقی معاملات میں مجھے آزاد چھوڑ دینے والی یہ میری ہم سفر ایثار و وفا کی وہ اثر انگیز قوت ہے جو گھر سے باہر اچانک سرزد ہو جانے والی کسی ’’رفیقانہ بدعہدی‘‘ سے بھی مجھے روکے رکھتی ہے۔
ممنونیت کے اس آخری لمحے میں،میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا بھی ضروری سمجھتا ہوں جنھوں نے ’’تعبیر سے پہلے‘‘ کی صوری ترتیب میں میری بھرپور معاونت کی۔ان میں راشد علی خاں، سکندر علی اور اقتدار علی خاں سرِ فہرست ہیں کہ سرورق کی تشکیل، اسکیچ کی تیاری اور کتابت کے شعبے میں ان کا مکمل تعاون مجھے حاصل رہا ۔ان کے علاوہ نعیم لاٹھیا،نصیر اکرم،محمد شعیب،رخسانہ خان، احمد حسن فاروقی،اکبر رضا،ثمر ناز صدیقی،حیدر زیدی،میرزا عروج الحسن،وسیم جاوید،عمر خان،ریحان محمود،خرم علی کاظمی،عاطف مقبول،قمر رضا،سہیل ہارون اور ثروت حسین نے قدم قدم پر میری مشکلات کو آسانی میں تبدیل کیا۔
رُوئے زمیں پر کسی شخص کی اس زیادہ اور کیا خوش بختی ہو گی جسے اتنے محبت کرنے والے میسر ہوں۔سو محبت کے باب میں فروغ کی دعا کے ساتھ یہ خو ش نصیب آپ کو اُس شہرِ انہماک میں لیے چلتا ہے جو گرم و سرد سے پیدا ہونے والی افسردگیوں،مایوسیوںاور احتجاج کے مقابل تقریباً بیس برس میں تعمیر ہُوا۔
آیئے،لفظوں کی اوٹ میں چھپے ہوئے اس شہر کا نظارہ میر ے ساتھ کیجیے۔ اس کے راستوں، گھروں،دریچوں اور آنگنوں میں آباد جذبوں کو محسوس کیجیے اور جو جگہ مناسب لگے وہیں بس جایئے۔
عزمؔ بہزاد
ST-2/J،درگاہ عاشقِ رسولؐ حضرت بہزادؔ لکھنوی،
سخی حسن چورنگی
نارتھ ناطم آباد، کراچی
٭٭٭
نارسائی کے بہت دکھ ہیں مرے سینے میں
اِن دُکھوں ہی نے مرے کام کو جاری رکھا
مرے خدا نے مجھے کتنا سرفراز کِیا میانِ اہلِ ہوس مجھ کو بے نیاز کِیا
تری نگاہ سے اسلوبِ خامشی سیکھا اور اپنے آپ کو اہلِ خبر میں راز کِیا
تمام عمر مروّت کی نذر کر ڈالی ہمیشہ خود سے بچا دوسروں پہ ناز کِیا
ملا جو ہجرِ مسلسل تو دل نے تنگ آ کر ترے وصال کی خواہش کو بے جواز کِیا
جہاں بھی ذکر چھڑا تیری ہمرہی کا وہیں ہمی نے سلسلۂ گفتگو دراز کیا
جو اشک عزمؔ مری آنکھ تر نہ کر پائے
اُنھی سے شام و سحر میں نے دل گداز کِیا
٭٭
دل کو بھری باہر میں خوفِ خزاں نے ڈس لیا
یعنی گلوں کے تذکرے شاخِ شجر میں رہ گئے
٭
وسعتِ چشم کو اندوہِ بصارت لکھا میں نے اِک وصل کو اِک ہجر کی حالت لکھا
میں نے لکھا کہ صفِ دل کبھی خالی نہ ہوئی
اور کبھی خالی ہوئی بھی تو ملامت لکھا
صرف آواز کہاں تک مجھے جاری رکھتی میں نے چپ سادھ لی سناٹے کو عادت لکھا
یہ سفر پاؤں ہلانے کا نہیں آنکھ کا ہے
میں نے اِس باب میں رُکنے کو مسافت لکھا
میں نے دستک کو لکھا کشمکشِ بے خبری جنبشِ پردہ کو آنے کی اجازت لکھا
لکھنے والوں نے تو ہونے کا سبب لکھا ہے
میں نے ہونے کو نہ ہونے کی وضاحت لکھا
اشک اگر سب نے لکھے میں نے ستار ے لکھے
عاجزی سب نے لکھی میں نے عبادت لکھا
میں نے خوشبو کو لکھا دسترسِ گمشدگی رنگ کو فاصلہ رکھنے کی رعایت لکھا
کوئی آسان رفاقت نہیں لکھی میں نے قرب کو جب بھی لکھا جزوِ رقابت لکھا
زخم لکھنے کے لیے میں نے لکھی ہے غفلت
خون لکھنا تھا مگر میں نے حرارت لکھا
میں نے پرواز لکھی حدِ فلک سے آگے اور بے بال و پری کو بھی نہایت لکھا
حُسنِ گویائی کو لکھنا تھا لکھی سرگوشی
شور لکھنا تھا سو آزارِ سماعت لکھا
میں نے تعبیر کو تحریر میں آنے نہ دیا
خواب لکھتے ہوئے محتاجِ بشارت لکھا
میرے سر پر کبھی افسوس کا سایہ نہ رہا
رنج تھا جس کی جگہ میں نے شکایت لکھا
اِتنے دعووں سے گزر کر یہ خیال آتا ہے
عزمؔ کیا تم نے کبھی حرفِ ندامت لکھا
٭٭
زینۂ خواہش سے اُترا اِتنی سرگوشی سے میں
جیسے تم آواز سے ڈرتے ہو خاموشی سے میں
میں عمر کے رستے میں چپ چاپ بکھر جاتا
اک دن بھی اگر اپنی تنہائی سے ڈر جاتا
میں ترکِ تعلق پر زندہ ہوں سو مجرم ہوں
کاش اس کے لیے جیتا اپنے لیے مر جاتا
اُس رات کوئی خوشبو قربت میں نہیں جاگی
میں ورنہ سنور جاتا اور وہ بھی نکھر جاتا
اُس جانِ تکلم کو تم مجھ سے تو ملواتے
تسخیر نہ کر پاتا حیران تو کر جاتا
کل سامنے منزل تھی پیچھے مری آوازیں
چلتا تو بچھڑ جاتا رُکتا تو سفر جاتا
میں شہر کی رونق میں گم ہو کے بہت خوش ہوں
اک شام بچا لیتا اک روز تو گھر جاتا
تجدیدِ مراسم کا اِس بار عجب رُخ تھا
وہ مجھ سے خفا ہوتا میں اُس سے مکر جاتا
محروم فضاؤں میں مایوس نظاروں میں
تم عزمؔ نہیں ٹھہرے میں کیسے ٹھہر جاتا
٭٭
رات بستر پہ وہ تھکن دیکھی ایک کروٹ میں دن نکل آیا ٭
عجب ہنر عاجزی کے رستے میں پا لیا ہے
کسی کی تعظیم کر کے خود کو بچا لیا ہے
مسابقت کا اندھیرا اِتنا شدید نکلا دِیا سمجھ کر کسی نے سینہ جلالیا ہے
برائے نظارہ ہم دریچہ کہاں بناتے بس ایک دل تھا اسی میں روزن بنا لیا ہے
جو موج دریا کے بیچ ہم سے بہت خفا تھی
اُسی نے ساحل پہ بازوؤں میں اُٹھا لیا ہے
ہماری موجودگی کا جن کو یقیں نہیں تھا
اُنھی نگاہوں نے خود کو حیراں بنا لیا ہے
شگفتگی کی رمق جو ہم میں گزشتہ دن تھی
اب اس کو لہجے کی برہمی میں چھپا لیا ہے
ابھی یہاں جس گلاب کا ذکر ہو رہا تھا
اسے تو خوشبو بنا کے ہم نے اُڑا لیا ہے
تمھیں تو عزمؔ اِس سفر میں ا ک زخم بھی بہت تھا
یہ تم نے کیوں اپنا جسم سارا سجا لیا ہے
٭٭
ایک دستک سنائی دی ہے مجھے دیکھ تنہائی کون آیا ہے ٭
کھلتا نہیں کہ ہم میں خزاں دیدہ کون ہے آسودگی کے باب میں رنجیدہ کون ہے
آمادگی کو وصل سے مشروط مت سمجھ یہ دیکھ اس سوال پہ سنجیدہ کون ہے
دیکھوں جو آئنہ تو غنودہ دکھائی دوں
میں خواب میں نہیں تو یہ خوابیدہ کون ہے
انبوہِ اہلِ زخم تو کب کا گزر چکا اب رہ گزر پہ خاک میں غلطیدہ کون ہے
اے کربِ نارسائی کبھی یہ تو غور کر میرے سوا یہاں ترا گرویدہ کون ہے
ہر شخص دوسرے کی ملامت کا ہے شکار آخر یہاں کسی کا پسندیدہ کون ہے
تُو عزمؔ ترکِ عشق پہ قائم تو ہے مگر
تجھ میں یہ چند روز سے لرزیدہ کون ہے
٭٭
اے راہروِ راہِ سخن تیز قدم رکھ کچھ اپنا کچھ اِس کارِ مشقت کا بھرم رکھ
ممکن ہو تو اس خاکِ توجہ سے گزر جا یا لمحۂ موجود میں سانسوں کو بہم رکھ
سب تیر اُسی سمت سے آئے ہیں ابھی تک
اِس بار اِدھر سے کوئی بنیادِ ستم رکھ
اس موسمِ بے مہر کی سختی سے نہ گھبرا
تُو ساعتِ آئندہ میں اُمیدِ کرم رکھ
اُس آنکھ پہ ظاہر ہی نہ کر لرزشِ انفاس
یا خانۂ خواہش میں کوئی خشتِ اَلم رکھ
یہ سلسلۂ حاضر و غائب ہے ازل سے اِس باب میں مت اپنے لیے خوفِ عدم رکھ
اک عمر گزاری ہے سرِ دشتِ خموشی اب عزمؔ کسی کوئے سماعت میں قدم رکھ ٭٭
ہماری عمر آدھی ہو چکی ہے
ہماری سانس آدھی رہ گئی ہے
اسے تم اپنی آسانی کی خاطر یہ سمجھ لو
ہماری عمر آدھی ہو چکی ہے
یہی وہ عمر ہے
جب فیصلے تصویر بنتے ہیں
جب تجربے تحریر بنتے ہیں
تو پھر لکھو
کہ مجھ کو دھیرے دھیرے چپکے چپکے چاہنے والے تمھی تھے
کسی اظہار کے لمحے کے تم بھی منتظر تھے
وہ سارے خواب جو تعبیر کی لذت کے خواہاں تھے
کبھی آنکھوں کو دھوتے تھے
کبھی سینے میں روتے تھے
کئی دن اپنے رستوں پر ہمیں یکجا نہ پاکر
اپنی آنکھیں ہی گنوا بیٹھے
کئی شامیں ہماری بھیگتی سرگوشیاں سننے کی خواہش میں
اندھیرے کے مچلتے بازوؤں میں
آبرو سے ہاتھ دھو بیٹھیں
کئی راتیں ہمارے خواب گاہی قرب کو آسان کرنا چاہتی تھیں
صبح کی خوراک ہو بیٹھیں
غرض اک جاگتا موسم ہمارا منتظر تھا
جہاں خوشبو سخن بن کر مہکنا چاہتی تھی
جہاں سانسوں کو روشن کر کے ہم اک دوسرے کو دیکھ سکتے تھے
جہاں ہم وقت کو اگلا قدم اٹھنے سے پہلے روک سکتے تھے
ذرا جلدی لکھو
ہماری عمر آدھی ہو چکی ہے
مگر یہ کیا؟
وہی موسم ہمارے جسم و جاں میں جاگ اٹھا ہے؟
یہاں خوشبو سخن بن کر مہکنا چاہتی ہے؟
یہاں سانسوں کو روشن کر کے ہم اک دوسرے کو دیکھ سکتے ہیں؟
یہاں ہم وقت کو اگلا قدم اٹھنے سے پہلے روک سکتے ہیں؟
ہماری عمر آدھی ہو چکی ہے!
٭٭
وصل کی ساعتوں کو سپردِ فغاں کر گئے
بدگماں ہونے والے یقیں کو گماں کر گئے
یہ سمجھ کر اشارے تری سمت جانے کے ہیں
اپنے خوابوں کو عجلت میں ہم رائیگاں کر گئے
شامِ تکمیلِ خواہش تھی اور سیلِ وارفتگی
لیکن اندیشے کانوں میں سرگوشیاں کر گئے
اُن چراغوں سے کیا بحث جو تیری اُمید میں
درج طاقِ تمنا پہ محرومیاں کر گئے
فرصتِ یک نفس کے تعاقب میں پھرتے ہوئے
لوگ اس فصلِ گل میں بھی اپنا زیاں کر گئے
ہم سے آئینہ بردار بھی سرحدِ عقل پر جانتے بوجھتے بیعتِ دشمناں کر گئے
عزمؔ وہ ساعتِ گفتگو اب نہیں آئے گی
کس توقع پہ تم اختتامِ بیاں کر گئے
٭٭
یہ آ رہا ہے کون سا تہوار دیکھنا گھٹنے لگی ہے رونقِ بازار دیکھنا
کیسی عجیب آئی ہے یہ ساعتِ فراق اُس نیم وا دریچے کو ہر بار دیکھنا
اِس آدمی کو مشغلۂ چشم چاہیے اب اِس کو چند روز میں بیمار دیکھنا
مجھ کو یقیں نہ تھا کہ مرے کام آئے گا اِتنا طویل ہجر کا آزار دیکھنا
یہ رہ گزارِ شوق، یہ کیسا ہجوم ہے شاید اُچھل گئی کوئی دستار دیکھنا
جب تک مری کسی سے رقابت نہیں ہوئی میں جانتا نہ تھا پسِ دیوار دیکھنا
اُس کی گلی میں عزمؔ اگر جا رہے ہو تم
ہے کون کون اُس کا طلب گار دیکھنا
٭٭
کسی کو کیا بتائیں ہم کہ ناگہاں نہیں ملا
وہ زخم جو نگاہ و دل کے درمیاں نہیں ملا
وہ جس کا ذکر وصل و ہجر کی حکایتوں میں ہے
ہمیں کہیں وہ ایک شب کا میہماں نہیں ملا
کبھی یہ خوف تھا کہ دل کی بات سن نہ لے کوئی
اور اب یہ رنج ہے کہ کوئی راز داں نہیں ملا
جہاں سے ہم عبارتِ ستم کی ابتدا کریں
ابھی کہیں ہمیں وہ حرفِ داستاں نہیں ملا
تری گلی میں جبر و اختیار کی بھی حد ہوئی
کسی کو دھوپ مل گئی تو سائباں نہیں ملا
وہ جس کے قرب نے دیا ثبوتِ آمدِ نفس
بچھڑ گیا تو پھر جوازِ جسم و جاں نہیں ملا
تمھیں تو عزمؔ فخر ہے کہ رہ نوردِ عشق ہو
مگر تمھیں تو اب بھی جادۂ فغاں نہیں ملا
٭٭
اتنی خاموش ہے شبِ آواز لمحۂ وصل بن رہا ہے راز
طائرانِ طلب کو کیا معلوم چھننے والی ہے قوتِ پرواز
جانتا ہوں تمھاری محفل سے اُٹھ گیا اہتمامِ راز و نیاز
اِس خرابے میں جانے کب ہو گا ساعتِ اعتبار کا آغاز
اپنے باطن میں ہو گئے پتھر سُن کے ہم داستانِ سوز و گداز
بدگمانی کا وقت آ پہنچا اب مجھے چھوڑ، اے مرے ہم راز
سارے اہلِ ہدف ہیں اِس جانب اُس طرف مستعد ہیں تیر انداز
عزمؔ پھر جادۂ توقع میں آنے والے ہیں کچھ نشیب و فراز ٭٭
جس نے مایوس کیا تھا وہی حیران ہُوا جب مرے حق میں سرِ انجمن اعلان ہُوا
خواب ہی دیکھتا رہتا تو کوئی بات نہ تھی
میں نے تعبیر بھی چاہی سو پریشان ہُوا
جس کی بنیاد میں تہذیبِ ہنر شامل تھی
حرمتِ لفظ و بیاں پر وہی قربان ہُوا
اِس برس موسمِ گل سے نہ ملا رنگِ وصال
نہ کسی شاخ سے پیدا کوئی اِمکان ہُوا
تم کہو یا نہ کہو یہ تو سبھی جانتے ہیں
مجھ سے وابستہ نہ رہ کر کسے نقصان ہُوا
اک اذیت کے کئی در تھے جو مجھ پر ہی کھلے
اک توقع کے نتیجے میں یہ سامان ہُوا
عزمؔ اس قرب کے بارے میں یہی کہنا ہے
جتنا دشوار لگا اُتنا ہی آسان ہُوا
٭٭
کسی سے عشق کر کے کارِ عقبیٰ کر رہا ہوں
میں دشتِ جسم و جاں میں اک اُجالا کر رہا ہوں
مرے ساتھی تو میدانِ قناعت چھوڑ بیٹھے
میں تیرے نام کا اب وِرد تنہا کر رہا ہوں
جوازِ گریۂ شب ڈھونڈنے نکلا ہوں گھر سے
مگر یہ کیا کہ اُس کوچے کو رُسوا کر رہا ہوں
وہ میری روح میں تحلیل ہوتا جا رہا ہے
جسے میں بھول جانے کا ارادہ کر رہا ہوں
کبھی فرصت ملے تو عزمؔ مجھ کو مشورہ دو
میں اک آواز کا برسوں سے پیچھا کر رہا ہوں
٭٭
نگاہ اب بھی اُنھی بام و در میں اُلجھی ہوئی
دُعا کو دیکھ رہی ہے اثر میں اُلجھی ہوئی
ابھی سے صبح کی آمد کا حال کیا لکھنا
ابھی تو رات ہے اپنی نظر میں اُلجھی ہوئی
چلوں تو کیسے چلوں کاروانِ دہر کے ساتھ
سفر کی شرط ہے رختِ سفر میں اُلجھی ہوئی
خموش ہوں کہ مسلسل یہ عمرِ بے فرصت
کسی سوال کی صورت ہے گھر میں اُلجھی ہوئی
یہ دل وہ شاخِ تمنا جو ٹوٹنے پر بھی
ہے انتظار کے سوکھے شجر میں اُلجھی ہوئی
عجب گرفت تھی شمشیر پر کہ چشمِ قضا
کسی طرف نہ اٹھی اک سِپر میں اُلجھی ہوئی
وہ شام عزمؔ عجب تھی کہ جانے والے کا
ملال کرتی رہی رہ گزر میں اُلجھی ہوئی
٭٭
سینے میں جاگتا ہے جب رنجِ بے مکانی
ہم اپنی خواہشوں پر کرتے ہیں نوحہ خوانی
ہر خوابِآرزو اَب حسرت میںڈ ھل رہا ہے ہر لحظہ ہو رہی ہے تحریر اک کہانی
اِس عمرِ بے طلب کو ہم قرض دے چکے ہیں
کچھ ساعتیں بقا کی، کچھ لمحے جاودانی
کچھ دن سے ہم نے خود کو محتاط کر لیا ہے
کب تک کسی سے رکھتے اُمیدِ خو ش گمانی
ہم کتنے سخت جاں تھے لیکن ترے کرم نے
آنکھوں کو بخش دی ہے دریاؤں کی روانی
تُو عزمؔ خود کو کیونکر چپ رکھنا چاہتا ہے
کیا تجھ کو ہو چلا ہے احساسِ ناتوانی
٭٭
خوب اپنا آپ گنواتے ہیں!
میں جس بلب کے نیچے
رات گئے تک
اپنی تحریروں میں رنگ اُبھارا کرتا ہوں!
اُس بلب پہ کچھ پروانے
شاید مجھ کو اپنا رقص دکھانے
روزانہ ہی آتے ہیں
ایسا رقص کہ جس کا آخر وہ نہیں ہوتا
جو میں نے اشعار کی صورت
یا قصوں کے روپ میں ا ب تک پڑھ رکھا ہے
یہ پروانے
بلب میں روشن نقطے تک جانے کی کوشش کرتے ہیں
لیکن پہلے دوسر ے چکر ہی میں
مجھ سے یا دیوار سے ٹکرا جاتے ہیں
گر جاتے ہیں
اور مجھ کو بھی تڑپاتے ہیں
خوب اپنا آپ گنواتے ہیں
میں اکثر سوچا کرتا ہوں
ہم اس عہد کے انساں
ان پروانوں سے کس درجہ ملتے جُلتے ہیں
ہم بھی روز کسی امید کے روشن پہلو تک خود کو لے جاتے ہیں
لیکن پہلی دوسری کوشش ہی میں
خود سے یا محرومی کی دیوار سے ٹکرا جاتے ہیں
گر جاتے ہیں
اور اپنے چاہنے والوں کو بھی تڑپاتے ہیں
خوب اپنا آپ گنواتے ہیں!
٭٭
کبھی اے سپاہِ شکستگاں کوئی اہتمامِ ملال کر
کسی بزمِ رقص کو سرد کر کسی با طرب کو نڈھال کر
کئی دن سے پھر وہی چشم و لب مری گفتگو میں در آئے ہیں
مرے عہدِ رفتہ کے فیصلے مرا اعتماد بحال کر
ابھی امتحانِ سخن مرا کئی رتجگوں کو محیط ہے
شبِ انتظار کے نکتہ داں مجھے واقفِ مہ و سال کر
یہ دیارِ اہلِ نفاق ہے یہاں احتیاط سے کام لے
نہ کسی کو کوئی جواب دے نہ کسی سے کوئی سوال کر
جنھیں ایک موسمِ سرد میں مری ہمرہی میں دیا گیا
وہی لوگ آج ہیں مطمئن مجھے قافلے سے نکال کر
کئی اعتبار کے مرحلے تری خامشی نے گنوا دیے
مگر اب نگاہِ فسردگی مری کوششوں کا خیال کر
تجھے عزمؔ شوقِ ثبات ہے تو رہِ میانہ روی پہ چل
کہیں دوسروں کی مثال دے کہیں پیش اپنی مثال کر
٭٭
کیا رنگ دکھائے گی تری پشت پناہی اب کوئی مرے حق میں نہیں دیتا گواہی
ہر روز نیا قرب طلب کرنے لگا ہے اِس دل میں ہے بیدار شبِ حجلۂ شاہی
آنکھوں کے مقابل ہے وہی موسمِ وحشت اب عشق پہ گزرے گی کوئی اَور تباہی
اک وقفۂ شوریدہ سری بیچ میں آیا اور قریۂ جاں میں نکل آیا کوئی راہی
کیوں آنے سے معذور ہے فصلِ سخن آمیز کب تک مجھے بہلائے گی خاموش نگاہی
اک شہرِ گماں جس میں ہے روشن مری تجسیم
اک حدِ یقیں جس پہ ہے آشوبِ سیاہی
تم عزمؔ کوئی کارِ تحیر نہیں کرتے اور چاہتے ہو مملکتِ شعبدہ گاہی ٭٭
وصل کی اِس سے زیادہ اور کیا تفہیم ہو
ایک تنہائی دوسری تنہائی میں گم ہو گئی
٭
راستہ پوچھتا رہتا ہے کدھر جانا ہے
پاؤں اُٹھتے ہی نہیں رختِ سفر جانے سے
٭٭
آنکھ نم ناک ہوئی خواب بکھر جانے سے
یا اُسی خواب میں اک شخص کے مر جانے سے
٭
پروین شاکر
توجہ چاہنے میں
اور اپنی بات کہنے کے سفر میں
وہ ہمارے راستے میں ہم سے آگے تھی
اور اپنی منزلیں تخلیق کرنے کے ہنر سے آشنا تھی
ہم اُس کی گردِ پا کی دُھند میں
سمتیں مقرر کرتے کرتے ہانپ جاتے تھے
وہ اپنی تیز رفتاری کے جادو سے
کسی بھی ہم قدم میں فاصلوں کا خوف پیدا کر کے
اگلی منزلوں پر اپنے درپردہ سوالوں کا سبب معلوم کرتی تھی
کئی لہجوں،کئی چہروں کے انبوہ میں رہ کر بھی اُس نے
بہت ہی نازکی سے اپنے لہجے اپنے چہر ے کی امانت کو
سلگتی قہر برساتی خزاؤں سے بچایا تھا
بہت محتاط تھی وہ
زیاں کے سارے قصے اُس کو ازبر تھے
سو اپنے روز و شب میں فائدوں کے گوشوارے اُس نے لکھے تھے
اکیلی زندگی کے کچھ اشارے
نکھرتی مامتا کے استعارے اُس نے لکھے تھے
کسے معلوم تھا لوحِ نفس پر اُس نے عجلت کی کہانی درج کر دی ہے
وہ ساری احتیاطیں اور خزاؤں سے تحفظ کی ادائیں
ایک خوں آمیز چادر اُس کے سرپر ڈالنے کی منتظر تھیں
وہ اپنی صبح کا آغاز ایسے دن سے کر بیٹھی
کہ جس کی شب نہیں آتی
ہم اہلِ حرف اِتنا جانتے ہیں
توجہ چاہنے میں
اور اپنی بات کہنے کے سفر میں
وہ ہمارے راستے میں ہم سے آگے تھی
اور اپنی منزلیں تخلیق کرنے کے ہنر سے آشنا تھی
٭٭
قسمت کو جو لوگ رو رہے ہیں وہ صبر سے ہاتھ دھو رہے ہیں
جس راہ سے بچ کے چل رہے تھے اُس راہ کی گرد ہو رہے ہیں
یہ جھوٹ کو سچ کہنے والے اپنا بھی یقین کھو رہے ہیں
معلوم نہیں تیری طلب میں ہم کس کا شکار ہو رہے ہیں
آئینہ لیے ہوئے ہیں کب سے منظر میں نظر پرو رہے ہیں
محرومِ وصال تو نہیں تھے مایوسِ وصال جو ہو رہے ہیں
ہنسنے کی طرح نہ ہنسنے والے رونے کے سوا بھی رو رہے ہیں ٭٭
ہم اہتمامِ مجلسِ تعبیر دیکھ کر ڈرنے لگے تھے خواب میں شمشیر دیکھ کر
یہ شامِ قتل کیوں ہے بھلا اِتنی مطمئن شاید گرفتِ حلقۂ زنجیر دیکھ کر
پہلے زباں خموش تھی اب دل خموش ہے کیا حیرتیں ملیں تری تصویر دیکھ کر
اُس آنکھ کی حدود میں جو کچھ ہے اس کا ہے
ہم یوں ہی خو ش ہیں وسعتِ جاگیر دیکھ کر
اپنے حواس میں نہ رہے اُس گلی کے لوگ اک مرحلے پہ جرأتِ تقریر دیکھ کر
تم عزمؔ ہار جاؤ گے میدانِ احتیاط اندازہ ہو گیا ہدفِ تیر دیکھ کر ٭٭
جب سے دِیا اُمید کا، جل کے سیاہ ہو گیا
وادیِ دل میں خیمہ زن، لشکرِ آہ ہو گیا
جتنے ترے حریف تھے سب مرے دوست بن گئے
مجھ سے ترے فراق میں یہ بھی گناہ ہو گیا
راس نہ آسکا مجھے، عالمِ ہجر دو گھڑی کوچۂ یار پھر مری جائے پناہ ہو گیا
سوچنا چاہتے تھے ہم کچھ غمِ روزگار پر
وقفۂ عشق بھی مگر صرفِ گناہ ہو گیا
رات ترے خرام پر یاروں میں بحث چھڑ گئی
آخرِ کار صرف میں تیرا گواہ ہو گیا
چشمِ زدن میں چھن گئی، مملکت اختیار کی
ایک فقیر ہو گیا، دوسرا بادشاہ ہو گیا
دل معاملات سے عزمؔ بہت ہی دُور ہے
مسئلہ اِس کا آج کل منصب و جاہ ہو گیا
٭٭
کسی تصویر میں تقریر کا جادُو نہیں ملتا
جہاں بھی رات ہوتی ہے وہاں جگنو نہیں ملتا
نئے موسم کی پہلی مستیاں سب کو مبارک ہوں
مگر ان مستیوں میں خیر کا پہلو نہیں ملتا
لطافت سے تری انکار کرنا غیر ممکن ہے
مگر تُو بھی تو ہم سے صورتِ خوشبو نہیں ملتا
بصیرت اور محنت کو کبھی یکجا نہیں دیکھا
نظر جس کی سلامت ہے وہاں بازو نہیں ملتا
کسی کے سب تقاضے کیوں کبھی پورے نہیں ہوتے
نظارے کے سوا کیوں آنکھ کو آنسو نہیں ملتا
کوئی خواہش توا یسی ہو جسے کُچلا نہ جاتا ہو
یہ کیسے لوگ ہیں کوئی بھی بے قابو نہیں ملتا
تمھارے روز و شب پر عزمؔ اب کیا گفتگو کی جائے
تم اُس کو چاہتے ہو جو تمھیں ہر سو نہیں ملتا
٭٭
اِن روز و شب سے مجھ کو فراغت نہ مل سکی
اک عشق تھا سو عشق کو وحشت نہ مل سکی
اک ضبط تھا جو صبر کی منزل نہ پاسکا اک رنج تھا سو رنج کو مدت نہ مل سکی
اک دل ملا سو اُس کو دھڑکنا نہ آسکا
اک زخم تھا سو زخم کو راحت نہ مل سکی
آنکھیں تھیں جن کو صرف جھپکنے کا حکم تھا
نظارگی کی اُن کو اجازت نہ مل سکی
اک لمحہ تھا سو راز و نیاز اُس سے دُور تھے
اک شام تھی سو شام کی دعوت نہ مل سکی
اک ہجر تھا سو وہ بھی رہا شور و شر میں گم
اک وصل تھا سو وصل کو شدت نہ مل سکی
جو لوگ دُور تھے وہ سدا دُور ہی رہے
جو پاس تھے سو اُن سے طبیعت نہ مل سکی
٭٭
آموختہ
صبح اندیشے لیے آتی ہے
شام ،دن بھر کی تھکن سے گلے ملواتی ہے
رات آنکھوں میں ٹھہر جاتی ہے
میں بھی اس قریہ ٔ محرومی و مایوسی میں
اپنے ہونے کا سبب جان کے چپ رہتا ہوں
نہ کسی آنکھ کی دعوت
نہ کسی قرب کی چاپ
نہ کوئی ہنستی ہوئی خوشبو ہے
نہ کوئی ساز کہ بے وجہ چہکنے کا بہانہ مل جائے
نہ کوئی زلف کہ تکمیل کی خواہش کو زمانہ مل جائے
صبح اندیشے لیے آتی ہے
شام، دن بھر کی تھکن سے گلے ملواتی ہے
رات آنکھوں میں ٹھہر جاتی ہے
٭٭
میں ایک بے عکس راستے پر نفس کی رفتار دیکھتا ہوں
سفر جو آئینے کی طرف تھا اب اُس میں دیوار دیکھتا ہوں
یہ رات کیوں سر پر آ رہی ہے یہ صبح کس سمت جا رہی ہے
یہ کیسی آواز سُن رہا ہوں یہ کیسے آثار دیکھتا ہوں
نہ شاخِ گل ہے، نہ کوئی طائر بہار کہنے کو ہے بظاہر
یہ اک خزاں یافتہ چمن ہے سو خار ہی خار دیکھتا ہوں
کسی گلی کا طواف کب ہے جو میرے کہنے سے ختم ہو گا
یہ ایک گردش کا ہے تسلسل جسے لگاتار دیکھتا ہوں
قبول و رد کے عجیب منظر مر ے اِرادوں پہ کھل رہے ہیں
نشیبِ اقرار میں کھڑا ہوں طلوعِ انکار دیکھتا ہوں
٭٭
کسی تغافلِ صبر آزما پہ روئے ہوئے ہمیں زمانہ ہوا آستیں بھگوئے ہوئے
مسافرت کے بہانے ہم اپنے پیروں میں بجائے خار کئی درد ہیں چبھوئے ہوئے
یہ شامِ شہر ہے اور لوگ اک اُمید لیے
گھروں کی سمت چلے جا رہے ہیں کھوئے ہوئے
غبارِ ہمسفری جم رہا ہے آنکھوں میں
اور اہلِ قافلہ آرام سے ہیں سوئے ہوئے
ہمارا ظرف کہ ہم تیرے ساتھ بیٹھے ہیں
تری گزشتہ ملامت کے داغ دھوئے ہوئے
٭٭
تری گلی کو چھوڑنے کا جب سوال آگیا نظر کے سامنے ہجومِ ماہ و سال آگیا
کل ایک دستِ آشنائی دیر تک بڑھا رہا
مگر نہ جانے کیوں مجھے تیرا خیال آگیا
تمھارے قرب میں ہمیں سکوں نہیں ملا کبھی
یہ اور بات وحشتوں میں اعتدال آگیا
گزشتہ رات ہجر کی کُلاہ سر سے گر پڑی
بس اِس اُمید پر کہ موسمِ وصال آگیا
کئی برس سے اُس طرف مرا گزر نہیں ہُوا خبر ملی ہے شہرِ عشق پر زوال آگیا
ہمیں تو یہ پناہِ دشت ہی بہت عزیز ہے
یہ کون ہے جو لے کے اِذنِ انتقال آگیا
بہارِ حرف و صوت عزمؔ شاعری سے دُور تھا
ترا کرم ہُوا تو اِس کو یہ کمال آگیا
٭٭
ہر ایک آنکھ سے دریائے اَشک جاری ہے یہ رات تیرے تمنائیوں پہ بھاری ہے
کبھی سُنا تھا بزرگوں سے جس کے بارے میں
اب اپنے پاس وہی سازِ بے قراری ہے
یہ مجھ پہ عمر کے بائیسویں برس میں کھلا
کہ تیغِ عشق کی اک ضرب کتنی کاری ہے
غمِ جہاں تُو کبھی رہ گزارِ اُلفت پر سفر نہ کرنا کہ یہ سلطنت ہماری ہے
ابھی سے عزمؔ درِ انتظار بند نہ کر
ابھی تو تُو نے یہاں ایک شب گزاری ہے
٭٭
مجھے یہ لمحۂ مصروف تنہا کر گیا ہوتا
اگر اس راستے سے میں کنارہ کر گیا ہوتا
ہم اس دریائے غفلت میں یقیناً کھو ہی جاتے تھے
اگر وہ ڈوبنے والا اشارہ کر گیا ہوتا
اگر سورج نکلنے میں ذرا سی دیر ہو جاتی
تو اب تک میں تجھے مثلِ ستارہ کر گیا ہوتا
کتابِ چشم و لب پڑھنے سے پہلے ہی ترے حق میں
یہ دل تخلیق کوئی استعارہ کر گیا ہوتا
مجھے حیرت ہے عزمؔ تُو نے وہ چہرہ نہیں دیکھا
خدا کا نام لیتا اور نظارہ کر گیا ہوتا
٭٭
محسوس یہ ہوتا ہے پسِ خواہشِ دیدار یہ رات کہیں مجھ کو بنا دے نہ گنہگار
ہر وقت مسیحا نفسی ٹھیک نہیں ہے اِس سے تو بگڑ سکتی ہے کیفیتِ بیمار
کچھ اور نہیں وصلِ سخن چاہیے مجھ کو مٹ جائے کسی طور یہ چپ رہنے کا آزار
جو رسمِ چراغاں صفِ مژگاں سے چلی تھی وہ آج ہے اک جشن کی صورت سرِ دیوار
آنکھوں میں کھٹکنے لگی جب تنگیِ صحرا
پتھرا گئے اک موڑ پہ وسعت کے طلبگار
مانا کہ رہِ زیست گزرگاہِ فغاں ہے کیسے ہو مگر صورتِ موجود سے انکار
اندازہ ہوا آج مجھے عزمؔ سے مل کر
ہیں اِس کے شب و روز کسی دکھ میں گرفتار
٭٭
ہمارے روز و شب
ہم اپنے روز و شب کو
طائروں کے چہچہانے میں
جگنوؤں کے جگمگانے میں
پتیوں کے سرسرانے میں
پھول کھلنے کے زمانے میں
جواں محسوس کرتے تھے
ادھر اب فاصلوں کا زخم گہرا ہو گیا ہے
ہمیں اب طائروں کا چہچہانا
گریۂ آشفتگاں معلوم ہوتا ہے
جگنوؤں کا جگمگانا
روشنی کی بزدلی محسوس ہوتی ہے
پتیوں کا سرسرانا
سازشی سرگوشیوں کی بھیڑ لگتی ہے
پھول کھلنے کا زمانہ
جسم پر زخموں کی اک تصویر لگتا ہے
ہم اپنے روز و شب کو
طائروں کے چہچہانے میں
جگنوؤں کے جگمگانے میں
پتیوں کے سرسرانے میں
پھول کھلنے کے زمانے میں
دھواں محسوس کرتے تھے
٭٭
یہ کون سر پہ اٹھائے عذابِ تنہائی ہر اک سے پوچھ رہا ہے جوابِ تنہائی
وہ اور ہوں گے جنھیں دوسروں نے ہجر دیا
یہاں تو خود ہی کیا ارتکابِ تنہائی
نہ جانے کب سے مرے روز و شب کا حصہ ہیں
نفس کی تیز رَوی اور حسابِ تنہائی
برائے حفظ بڑی حسرتوں سے دیکھتے ہیں یہ کُشتگانِ رہ و رسم خوابِ تنہائی
کبھی تو عزمؔ کوئی نغزشِ وصال بھی کر بہت سمیٹ چکا تُو ثوابِ تنہائی ٭٭
اک پریشانی تو یہ تھی ہم ترے بیمار تھے
دوسرے، دشمن ہمارے تیرے دعوے دار تھے
اے گروہِ منکرانِ عشق اتنا یاد رکھ
کارِ دل کرنے سے پہلے ہم بھی دنیا دار تھے
کچھ دنوں سے تنگ دستی آ گئی تو کیا ہُوا
ہم وہ گاہک تھے کہ وجہِ گرمیِ بازار تھے
ظاہری اسباب پر کب تک نگاہیں ڈالتے
دل کی بربادی کے جب سب راستے ہموار تھے
عزمؔ تم بھی شام سے سونے کے عادی بن گئے
بھائی! تم تو شہر بھر میں سچے شب بیدار تھے
٭٭
ہم وہ خوددار کہ جب عشق میں گھر چھوڑ گئے
ضد پہ کیا آئے تری راہ گزر چھوڑ گئے
میرے دشمن بھی عجب تھے کہ مقابل آئے اور اپنے سپہ سالار کا سر چھوڑ گئے
ایک دو دن کے لیے سب نے مشقت کی تھی پھر مرے حق میں تمنائے ہنر چھوڑ گئے
جونہی وہ مرحلۂ آبلہ پائی آیا میرے ہمدرد مجھے سینہ سپر چھوڑ گئے
اگلی منزل کے مسافر بھی ترے کوچے میں
سانس لینے کو رُکے رختِ سفر چھوڑ گئے
جانے کب آئے گی وہ ساعتِ محرومیِ دل
عشق کے باب میں سب جس کی خبر چھوڑ گئے
٭٭
میانِ صحرا بھٹکنے والے تجھے ابھی یہ خبر نہیں ہے
کہ شہر کی سمت جانے والی یہاں کوئی رہ گزر نہیں ہے
مسافرانِ طلب سے کہہ دو کہ اپنا رختِ سفر سمیٹیں
اگرچہ اِس موسمِ غضب میں کوئی جوازِ سفر نہیں ہے
یہ ہم پہ لازم ہُوا کہ ہم بھی بصارتوں کو بحال کر لیں
خبر ملی ہے کہ دشمنوں میں اب کوئی بھی کم نظر نہیں ہے
یہ عادتِ گریۂ مسلسل ہمی پہ شاید تمام ہو گی
اب اِس گزرگاہِ روز و شب میں کوئی نیا نوحہ گر نہیں ہے
کچھ ایسی بادِ یقیں چلی ہے وصالِ فردا کے راستے میں
کہ طائرانِ حدودِ جاں کو شکایتِ بال و پَر نہیں ہے
کبھی تو اک اک سخن کے پیچھے ہزاروں ہونٹوں پہ جنبشیں تھیں
یہ کیا تماشا ہے اب کسی کو مجالِ عرضِ ہنر نہیں ہے
یہ دل کی خواہش ہے عزمؔ کچھ دن کسی جگہ قید ہوکے دیکھیں
اگرچہ پیشِ نگاہ کوئی روایتِ بام و در نہیں ہے
٭٭
یہ کیا ستم ہے کارگہِ ہست و بود میں ہیں سب ہی غرق نشۂ نام و نمود میں
اِس حالتِ زیاں سے اگر مل گئی نجات کچھ دن گزار لیں گے تمنائے سُود میں
یہ ہجر ہے کہ عکسِ حیات و ممات ہے ہم کتنی بار آئے عدم سے وجود میں
اُس آنکھ کے خلاف ہم اک آئنہ لیے حیراں کھڑے ہیں مجمعِ اہلِ شہود میں
جب ہم کشادہ سینہ لیے سب کے ساتھ تھے
کیا لطف ان دنوں تھے رکوع و سجود میں
ہیں عزمؔ آج معرکہ آرا فراق و وصل یہ فیصلے کی رات ہے دار الوجود میں ٭٭
کچھ لوگ سرِراہِ بغاوت نکل آئے ایسے میں کوئی لشکرِ تہمت نکل آئے
میں منتظرِ گردشِ دل ہوں مری جانب اُس سمت سے اک تیرِ مذمت نکل آئے
اے چشمِ ستم کار ترے سوختہ ساماں پھر تیری طرف بہرِ زیارت نکل آئے
لازم ہے کیا جائے رُخِ کوچۂ جاناں آنکھوں سے اگر جوئے ندامت نکل آئے
پھر عہدِ گزشتہ کا ہے ماتم کئی دن سے ایسے میں وہ تمثیلِ قیامت نکل آئے
یہ سوچ کے رُکتے ہی نہیں تیرے طلبگار کب کون سی ہجرت پسِ ہجرت نکل آئے
تم عزمؔ تمناؤں کی یلغار میں رہ کر حیرت ہے مجھے کیسے سلامت نکل آئے ٭٭
اے جذبِ عشق اِتنی خود آرائی کس لیے ہر دم جنونِ بادیہ پیمائی کس لیے
پہلے ہی سوچنا تھا کہ یہ وقت آئے گا اب روز روز شکوۂ تنہائی کس لیے
یہ کھیل درمیانِ نگاہ و دریچہ ہے اِس دائرے میں اِتنے تماشائی کس لیے
دورانِ عشق منزلِ حیرت نہیں ملی اور اب ملی تو خدشۂ رسوائی کس لیے
ہم اہلِ رمز چپ ہیں مگر اے ہوائے وہم
دیوار و در پہ تہمتِ رُسوائی کس لیے
کچھ دن سے عزمؔ اُس کی گلی میں نہیں گئے
آخر یہ احتیاط مرے بھائی کس لیے
٭٭
جو یہاں حاضر ہے وہ مثلِ گماں موجود ہے
اور جو غائب ہے اُس کی داستاں موجود ہے
اے غبارِ خواہشِ یک عمر اپنی راہ لے
اس گلی میں تجھ سے پہلے اک جہاں موجود ہے
اب کسی انبوہِ گم گشتہ کی جانب ہو سفر
اور کوئی چپکے سے کہہ دے تُو کہاں موجود ہے
شاید آ پہنچا ہے عہدِ انتظارِ گفتگو چار جانب خلقتِ لب بستگاں موجود ہے
رات پھر آنکھوں سے بہہ نکلی تمنائے وصال
ایسا لگتا تھا کہ تُو بھی درمیاں موجود ہے
پہلے تھی اک تشنگی محرومیوں سے ہمکنار
اب رگوں میں نشۂ عمرِ رواں موجود ہے
عزمؔ خود کو کاروانِ نفع میں شامل نہ کر
تیرے شانوں پر ابھی بارِ زیاں موجود ہے
٭٭
زندگی اِک سفر اِس سفر میں بہم جسم و جاں دیکھنا
ایک درویش کا جیسے ہر دم سوئے آسماں دیکھنا
ہم اسیرانِ تیرہ شبی کا یہ معمول مدت سے ہے
اک دِیا دیکھنا اور سر پر کئی آسماں دیکھنا
کاروبارِ مہ و سال کے پیچ و خم تم پہ کھل جائیں گے
تم کسی رہ گزارِ تمنا میں پیر و جواں دیکھنا
اب تو آنکھوں کو بیداری اور خواب سے کوئی نسبت نہیں
جُوئے خوں دیکھنا یا کبھی کوئی ابرِ رواں دیکھنا
آج تم ہم سے بچھڑے ہو یہ سانحہ کوئی کم تو نہیں
بابِ آئندگاں میں اِسے رونقِ داستاں دیکھنا
بے یقینی کی یہ شب بالآخر تمھیں راس آ ہی گئی
صبح اُٹھنا تو بازو پہ تعویذِ وہم و گماں دیکھنا
کتنی مشکل میں ہیں عزمؔ اہلِ بصیرت جنھیں ہر گھڑی
سینۂ خاک سے بے ثباتی کا اُٹھتا دھُواں دیکھنا
٭٭
اِس رہ گزر پہ رسمِ سفر ہم نبھائیں گے
یعنی کسی بھی سمتِ مخالف میں جائیں گے
ہر وصل تیری آنکھ پہ ظاہر کریں گے ہم
اور ہجر اپنی آنکھ کے پیچھے چھپائیں گے
تُو نے تو آزمایا ہمیں حدِ سفر میں ہم تیری خواہشوں میں تجھے آزمائیں گے
اک فیصلے کی زد پہ نہ رکھیں گے دل کی بات
اک جنبشِ نظر کو نہ خاطر میں لائیں گے
فرصت اگر ملی تو حریفوں کے سامنے تجھ حاصلِ نظر کو نظر سے گرائیں گے
بہتر ہے عزمؔ اب ہمیں سو جانا چاہیے
کب تک اِس احتجاج میں خود کو جگائیں گے
٭٭
ہم اپنے درد کا احوال اب سنائیں کہاں
جو دل پہ بیت رہی ہے اسے بتائیں کہاں
جو رنگ آنکھ پہ اُترے ہیں سب لہو کے ہیں
اب اِس فضا سے ڈریں بھی تو ڈر کے جائیں کہاں
یہ کوئی شام نہیں ہے کہ پاؤں پھیلا دیں
یہ کوئی صبح نہیں ہے سو اُٹھ کے جائیں کہاں
یہ کوئی شہرِ خموشاں نہیں کہ سب چپ ہوں
یہ بزم بھی تو نہیں ہے سو گنگنائیں کہاں
وہ خلوتیں ہی نہیں جن میں خود سے باتیں ہوں
وہ جلوتیں بھی نہیں آئنہ دکھائیں کہاں
وہ دشمنی ہی نہیں جس سے زندگی ہو محال
وہ دوستی بھی نہیں ہاتھ ہم بڑھائیں کہاں
یہ زخم ہے تو چلو ہم چھپائے لیتے ہیں
یہ پھول ہے تو بتاؤ اسے سجائیں کہاں
٭٭
مجھے تم سے محبت ہو گئی ہے
مجھے تم سے محبت ہو گئی تھی
کہ تم اپنے اکیلے پن کا دکھ لے کر مرے رستے میں آئے تھے
تمھاری آنکھ سے تنہائی کا آزار بہتا تھا
سو میں نے تم کو اُن چہروں کی قربت بخش دی
ایسے منظر تم پہ روشن کر دیے
جن پر بصارت ناز کرنے کے بہانے ڈھونڈتی ہے
تمھاری گفتگو مایوس سناٹوں کا جنگل تھی
سو میں نے تم کو ایسی محفلوں کی اوّلیں صف میں بٹھایا
ایسے لوگوں سے ملایا
جہاں ہونٹوں کی جنبش نوجواں قصوں میں ڈھلتی ہے
قہقہوں کی رسم چلتی ہے
تمھیں اپنی سماعت سے بھی شکوہ تھا
کہ تم نے نغمگی کے دن نہیں دیکھے
حرف کو آواز کے پہلو میں خوابیدہ نہیں پایا
سو میں بھی گنگناتی صبح کے مانند لہجوں کے
تمھارے ذوق کی محروم خلوت میں بلا لایا
کئی رس گھولتی شامیں تمھاری روح میں بیدار کر ڈالیں
مگر ہونا وہی تھا جو تعلق جوڑنے والوں کا دیرینہ مقدر ہے
گزشتہ رات تم نے مجھ کو بے مصرف سمجھ کر
اپنے ہنگاموں کی جانب ہی نظر رکھی
لہٰذا اب اجازت دو
مرے رستے کی جانب غور سے دیکھو
وہ دیکھو ایک درماندہ مسافر
میری قربت کے لیے بے چین لگتا ہے
تم اِس کی آنکھ سے تنہائی کا آزار بہتا دیکھ سکتے ہو
اور اس کی گفتگو مایوس سناٹوں کا جنگل ہے
اِسے اپنی سماعت سے بھی شکوہ ہے
مجھے اِس سے محبت ہو گئی ہے
٭٭
اب کہاں ہیں نگہ یار پہ مرنے والے صورتِ شمع سرِ شام سنورنے والے
رونقِ شہر اِنھیں اپنے تجسس میں نہ رکھ
یہ مسافر ہیں کسی دل میں ٹھہرنے والے
کل تری یاد اُنھیں آنکھ سے باہر لے آئی
وہ جو آنسو تھے رگ و پے میں اُترنے والے
کس قدر کرب میں بیٹھے ہیں سرِساحلِ غم
ڈوب جانے کی تمنا میں اُبھرنے والے
روز سینے پہ نیا زخم سجا لیتے ہیں موسمِ درد کے آغاز سے ڈرنے والے
جانے کس عہدِ طرب خیز کی اُمید میں ہیں
ایک لمحے کو بھی آرام نہ کرنے والے
عزمؔ یہ ضبط کے آداب کہاں سے سیکھے
تم تو ہر رنگ میں لگتے تھے بکھرنے والے
٭٭
رگوں میں خوں کے بجائے وحشت اُچھل رہی ہے
تری طلب آج تجھ سے آگے نکل رہی ہے
جہاں جہاں گفتگو کی تاریکیاں تھیں روشن
وہیں وہیں اب سکوت کی شمع جل رہی ہے
نہ جانے کیسے چراغ ہم نے جلا لیے ہیں
ہوا ہمارے گھروں سے کترا کے چل رہی ہے
بہار کہہ کر جسے مخاطب کیا تھا ہم نے
وہی خزاں ہم کو پھول کہہ کر مسل رہی ہے
سفر میں رفتار پر یقین رکھنے والو دیکھو
جو رُک گئے تھے اُنھی کی منزل سنبھل رہی ہے
ہمارے زخم اس فضا کی تفہیم کر چکے ہیں
یہ شام کیوں اپنے جسم پر خون مل رہی ہے
ہم ایک گوشے میں اپنے منظر سے مطمئن ہیں
تمھاری محفل تو روز چہرے بدل رہی ہے
کبھی تو عزمؔ اِس زیاں کی جانب بھی غور کر لو
کسی کو پانے کی عمر تیزی سے ڈھل رہی ہے
٭٭
ہماری خامشی اُس بزم آرائی سے بہتر ہے
جہاں چپ بیٹھے رہنا رسمِ گویائی سے بہتر ہے
ہماری آنکھ میں یہ جھلملانے والی محرومی
کسی بڑھتے ہوئے لشکر کی پسپائی سے بہتر ہے
جہاں مظلوم خود ہی ظلم کے خواہاں نظر آئیں
وہاں نادیدگی اظہارِ بینائی سے بہتر ہے
ہمیں ہر دم نظر انداز کرنے کی یہ صورت بھی
یہاں رائج ہر اک جھوٹی پذیرائی سے بہتر ہے
ہماری ہمرہی میں چل رہی ہے ایک بے مہری
یہ بے مہری مگر آلامِ رسوائی سے بہتر ہے
تجھے عزمؔ اپنی حیثیت کا اندازہ نہیں شاید
ترا زخمِ طلب ہر داغِ تنہائی سے بہتر ہے
٭٭
مجھ پہ ساون کے مانند اک دن تو کھل کر برس زندگی
ورنہ کیا میں سمجھ لوں کہ تُو ہے فقط اک قفس زندگی
سانس لیتے ہوئے بھی یہ محسوس ہوتا ہے اکثر مجھے
میں گزارے چلے جا رہا ہوں کوئی بے نفس زندگی
جانے تُو کتنی آنکھوں، لبوں اور سینوں میں آباد ہے
تجھ کو فرصت اگر ہو تو مجھ میں بھی کچھ روز بس زندگی
ایک آسودہ ساعت کی خواہش میں تُو نے جدا کر دیے
حصّۂ عمر میں سے اُمنگوں کے کتنے برس زندگی
صبح سے شام تک اَن گنت خشک لوگوں سے ملتا ہوں میں
سوچتا ہوں کہاں کھو گیا آدمیت کا رَس زندگی
کس قدر اہلِ دانش ہیں مصروف، پھر بھی نہ قائم ہوئی
موت کی سر زمیں پر ابھی تک تری دسترس زندگی
٭٭
مرگِ بہشت
سارے منظر لرز رہے ہیں
د ل کی دھڑکن آنکھوں تک آ پہنچی ہے
تیس برس تک سر میں کنگھی پھیرنے والے ریشم ہاتھ
اپنی نرمی کھو بیٹھے ہیں
آتے جاتے پیشانی کو چومنے والے موم سے لب
پتھر میں تبدیل ہوئے ہیں
میرے حق میں دعا کی خوشبو پھیلانے والا آنچل
اک کونے میں سمٹ گیا ہے
میر ے ملنے والوں کو اولاد کا درجہ دینے والا مامتا دل
دھڑکن سے محروم ہوا ہے
میر ے بچوں کے دُکھ سکھ کو مجھ سے بہتر دیکھنے والی روشن آنکھیں
تاریکی کو اوڑھ چکی ہیں
آج زمیں پر قائم میرے رشتوں میں
اک سچا رشتہ ٹوٹ گیا ہے
میرے مالک!
میرے دکھ کی اِتنی قیمت دے دینا
اِن ہاتھوں،اِن لبوں کو
اِس آنچل کو،اِس دل کو
اِن آنکھوں کو
اپنی رحمت کے سائے میں لے لینا
میرے مالک!
لفظ زباں سے پھسل رہے ہیں
سارے منظر لرز رہے ہیں
دل کی دھڑکن آنکھوں تک آ پہنچی ہے
٭٭
بہت قرینے کی زندگی تھی عجب قیامت میں آبسا ہوں
سکون کی صبح چاہتا تھا سو شامِ وحشت میں آبسا ہوں
میں اپنی انگشت کاٹتا تھا کہ بیچ میں نیند آ نہ جائے
اگرچہ سب خواب کا سفر تھا مگر حقیقت میں آبسا ہوں
کہیں اُجالوں کی خامشی ہے، کہیں اندھیروں کی گفتگو ہے
میں دو سوالوں کے درمیاں ہوں ،میں دُہری حیرت میں آبسا ہوں
وصالِ فردا کی جستجو میں نشاطِ امروز گھٹ رہا ہے
یہ کس طلب میں گھرا ہوا ہوں یہ کس اذیت میں آبسا ہوں
یہاں تو بے فرصتی کے ہاتھوں وہ پائمالی ہوئی ہے میری
کہ جس سے ملنے کی آرزو تھی اسی کی فرقت میں آبسا ہوں
کہاں کی دنیا، کہاں کی سانسیں، کہ سب فریبِ حواس نکلا
جزا کی مدت سمجھ رہا تھا، سزا کی مہلت میں آبسا ہوں
سوال کرنے کے حوصلے سے جواب دینے کے فیصلے تک
جو وقفۂ صبر آگیا تھا، اُسی کی لذت میں آبسا ہوں
یہ اُن سے کہنا جو میری چپ سے ہزار باتیں بنا رہے ہیں
میں اپنے شعلے کو پا چکا ہوں میں اپنی حدّت میں آبسا ہوں
٭٭
دوڑتے دوڑتے مری سانس تمام ہو گئی
سست روی کے مسئلے راہ گزر میں رہ گئے
٭
اِسی جلتے بجھتے ملال میں مری عمر زینہ بدل گئی
مری نیند رات سے بجھ گئی مری رات خواب سے جل گئی
کسی شہسوار کی آنکھ پر کوئی راہ گزر نہ کھل سکی
کسی پا پیادہ کو دیکھ کر کوئی راہ خود ہی مچل گئی
کسی شاخِ سبز کی چھاؤں میں کوئی خار چبھ گیا پاؤں میں
میں زیادہ دیر جو چپ رہا تو فضا کی چیخ نکل گئی
جسے اپنے بجھنے کی فکر تھی مری خامشی سے چمک اُٹھا
جسے شمع ہونے پہ ناز تھا مری گفتگو سے پگھل گئی
اب اک انتظار کی آگ ہے مرے جسم و جاں میں بھری ہوئی
وہ جو اختیار کی لہر تھی مری دسترس سے نکل گئی
مجھے روشنی کی طلب نہ تھی مری تیرگی کوئی کم نہ تھی
مگر اک خیال کی چاندنی مرے فیصلے کو بدل گئی
٭٭
اور کچھ دن یہی سرد مہری رہی تو بہک جائے گا
دل نہیں ضبط کا اک پیالہ ہے آخر چھلک جائے گا
میں دعا اور محنت کے ہمراہ لمبی مسافت پہ ہوں
کون ایسے چراغوں کی موجودگی میں بھٹک جائے گا
تم نے مجھ سے رفاقت کا وعدہ لیا ہے تو یہ جان لو
اب یہ وعدہ مری عمر کی آخری سانس تک جائے گا
میں تو آسودگی کا کوئی خواب یوں بھی نہیں دیکھتا
جس کو چلنے کی عادت ہو وہ تو ٹھہرتے ہی تھک جائے گا
میری آواز کا فاصلہ، تم سماعت سے مت ناپنا
دل سے نکلا ہے یہ سلسلہ، دل زیادہ دھڑک جائے گا
میں چلا بھی گیا تو مرے راستوں میں مری یاد میں
کوئی آنسو، کوئی روشنی، کوئی خوشبو چھڑک جائے گا
عزمؔ آنکھوں میں امکان کے جتنے منظر تھے سب بہہ گئے
نارسائی کا دکھ رہ گیا وہ بھی اک دن ٹپک جائے گا
٭٭
ندامت
مری اُداسی شدید ہوتی
اگر میں اپنے دکھوں سے ہٹ کر
ہزار ایسے لوگوں کی جانب نگاہ کرتا
جو ابنِ آدم کے خستہ سینوں میں
داغ بن کر چمک رہے ہیں
مری تمنا شدید ہوتی
اگر میں اپنی بہت سی بے جان خواہشوں سے نظر چُرا کر
ازل سے محروم ایسی آنکھوں میں جھانک لیتا
جنھیں ضرورت کی گرد مایوسیوںکے منظر دِکھا رہی ہے
مری شکایت شدید ہوتی
اگر میں اپنے وجود پر ہونے والی
نا مہرباں توجہ پہ رو نہ دیتا
بجائے اِس کے میں ایسے چہروں کو زخم بننے سے روک دیتا
کہ جن پہ اشکوں کی دھار
تنہائیوں کی تاریخ لکھ رہی ہے
مری محبت شدید ہوتی
اگر میں خود کو نہ چاہے جانے کی حسرت آمیز آگ میں
یوں جلا نہ دیتا
بجائے اِس کے میں اُن دریچوں میں روشنی بن کے جھلملاتا
جہاں اندھیری ہوائیں قربت کے ہر دِیے کو بجھا چکی ہیں
سووقت کے تیز رو سفر میں
میں اپنی اصل شدت کا اظہار کر نہ پایا
بس ایک شدت مرے رگ و پے میں
ایک مدت سے اپنا اعلان کر رہی ہے
جسے ندامت کا نام دے کر مجھے خوشی ہے
٭٭
میں نے کل خواب میں آئندہ کو چلتے دیکھا
رِزق اور عشق کو اِک گھر سے نکلتے دیکھا
روشنی ڈھونڈ کے لانا کوئی مشکل تو نہ تھا
لیکن اِس دوڑ میں ہر شخص کو جلتے دیکھا
ایک خوش فہم کو روتے ہوئے دیکھا میں نے
ایک بے رحم کو اندر سے پگھلتے دیکھا
روز پلکوں پہ گئی رات کو روشن رکھا
روز آنکھوں میں گئے دن کو مچلتے دیکھا
صبح کو تنگ کیا خود پہ ضرورت کا حصار
شام کو پھر اسی مشکل سے نکلتے دیکھا
ایک ہی سمت میں کب تک کوئی چل سکتا ہے
ہاں کسی نے مجھے رستہ نہ بدلتے دیکھا
عزمؔ اس شہر میں اب ایسی کوئی آنکھ نہیں
گرنے والوں کو یہاں جس نے سنبھلتے دیکھا
٭٭
اُس آنکھ سے وحشت کی تاثیر اُٹھا لایا
میں جاگتے رہنے کی تدبیر اُٹھا لایا
میں نیتِ شب خوں سے خیمے میں گیا لیکن
دُشمن کے سرہانے سے شمشیر اُٹھا لایا
وہ صبحِ رہائی تھی یا شامِ اسیری تھی
جب میں درِ زنداں سے زنجیر اُٹھا لایا
آوارہ مزاجی پر حرف آنے سے پہلے ہی دل تیرے تغافل کی تصویر اُٹھا لایا
اے خوابِ پذیرائی تُو کیوں مری آنکھوں میں
اندیشۂ دنیا کی تعبیر اُٹھا لیا
وہ سنگِ ملامت تھا جس کو ترا دل کہہ کر
اُس کوچے سے مجھ جیسا رہ گیر اُٹھا لایا
یہ حرف کی دولت بھی کس شان کی دولت ہے
میں اِس سے قناعت کی جاگیر اُٹھا لایا
اُس شخص سے میں سب کو عجلت میں ملا بیٹھا
اور اپنے لیے کیسی تاخیر اُٹھا لایا
میدانِ شکایت سے کیا اپنے سوا لاتا
اک رنج تھا میں جس کی تعمیر اُٹھا لایا
اُس بزمِ سخن میں ہم کیا پہنچے کہ شور اُٹھا
لو عزمؔ کوئی زخمی تحریر اُٹھا لایا
٭٭
جو بات شرطِ وصال ٹھہری وہی ہے اب وجہِ بدگمانی
اُدھر ہے اِس باب میں خموشی، اِدھر ہے پہلی سی بے زبانی
کسی ستارے سے کیا شکایت کہ رات سب کچھ بجھا ہوا تھا
فسردگی لکھ رہی تھی دل پر، شکستگی کی نئی کہانی
عجیب آشوبِ وضع داری، ہمارے اعصاب پر ہے طاری
لبوں پر ترتیبِ خوش کلامی، دلوں میں تنظیمِ نوحہ خوانی
ہمارے لہجے میں یہ توازن بڑی صعوبت کے بعد آیا
کئی مزاجوں کے دشت دیکھے، کئی رویّوں کی خاک چھانی
ہم اپنی سانسیں بحال کرنے یہ کس فضا میں رُکے ہوئے ہیں
یہاں نہ آثارِ درد مندی، نہ کوئی تہذیبِ میزبانی
اب اک ملامت کی رہ گزر ہے اور اُس پہ تنہائی کا سفر ہے
نہ تم نے منزل سے آنکھ پھیری نہ ہم نے رستے کی بات مانی
کسی اُداسی کو ڈھونڈ لاؤ کہ شام اپنے عروج پر ہے
یہ خوشبوؤں کے فریب دیکھو یہ رنگ ہیں کتنے داستانی
نگاہ کے آئینے میں لرزاں یہ شعلۂ آرزو نہیں ہے
یہ لمحہ لمحہ سلگ رہے ہیں وجود میں صبر کے معانی
کبھی یہ سوچا ہے عزمؔ تم نے بہار کس رُت کا نام ہو گا
خزاں سے تم بھی گزر رہے ہو تو پھر یہ کیسی غلط بیانی
٭٭
میں کہیں گم ہو گیا ہوں
میں کہیں گم ہو گیا ہوں
زندگی کی دوڑ میں
یا خواہشوں کی بھیڑ میں
یا اپنے جیسے چند محروموں میں رہ کر
میں کہیں گم ہو گیا ہوں
اِن دنوں ہونٹوں پہ چپ
آنکھوں میں بے صوت مناظر جم گئے ہیں
ہر تعلق سائے کی صورت بدلتا جا رہا ہے
ہر ارادہ خود ہی معذوری میں ڈھلتا جا رہا ہے
ہربھروسا اپنی مجبوری کا حصہ بن گیا ہے
ہرسلیقہ دوسروںمیں اِک تماشا بن گیا ہے
کاش اِس جانب کوئی ایسی نظر اُٹھے
کہ میں اِک بار اُس کی روشنی میں
خود کو سر سے پاؤں تک معلوم کر جاؤں
کاش مجھ کو کوئی سرگوشی کا عادی ایسا مل جائے
کہ میں اس کو مخاطب کرتے کرتے
خودسے کوئی گفتگو کر لوں
کاش کوئی قرب کی خواہش لیے
میرے قریب،اِتنا قریب آئے
کہ اُس سے وصل خود سے وصل ہو جائے
میں کہیں گم ہو گیا ہوں
٭٭
مرے غم گسار تجھ سے مرا ربط مختصر ہے
تجھے موسموں کی خواہش مجھے آندھیوں کا ڈر ہے
مری ایک ہی صدا پر سرِ بام آنے والے
تجھے آج کیا ہوا ہے تری روشنی کدھر ہے
نہ وہ رنگ دوستی کے، نہ وہ داغ بے رُخی کے
کوئی زخم ہے نہ مرہم، کوئی دشت ہے نہ گھر ہے
تجھے ہمسفر مہیا، مجھے بال و پر میسر
تجھے راہ کی طلب ہے، مجھے راہ کی خبر ہے
مرے عہد کی محبت ہے سپردگی سے غافل
نہ لحاظِ نقشِ پا ہے، نہ طوافِ بام و در ہے
وہ گروہِ سینہ چاکاں، مری سمت یوں نہ آیا
اُسے علم ہو گیا تھا، مرے پاس چشمِ تر ہے
مجھے عزمؔ بے گھری کا نہیں یوں بھی کوئی شکوہ
یہاں جس کا اپنا گھر ہے وہی زیادہ دربدر ہے
٭٭
ایک خط کسی کے نام!
تم جسے میرا مرض سمجھے وہ کیا تھا
درحقیقت میں تو خود میں مبتلا تھا
میرے اندر اِتنی گہری خامشی تھی
میں کسی آواز کے آنے سے پہلے چونک جاتا تھا
تم مرے نزدیک آتے تھے
تو میری خامشی گھبرانے لگتی تھی
مرے سینے میں اک بے تاب خواہش
سراُٹھاکرمجھ سے کہتی تھی
اپنا سناٹا کسی آواز کی تحویل میں دینے سے پہلے سوچ لینا
خود کلامی کے چہکتے روز و شب آنے ہی والے ہیں
تم مری اِس کشمکش سے بے خبر
مجھ کو مخاطب کر کے خوش ہوتے
تو میری بدحواسی ایک برہم بے بسی کی شکل میں
ماتھے کی شکنوں پر
مٹھیوں کی سختیوں پر
سانس کی تیزی میں
پلکوں کی لرزتی تشنگی میں
اپنی چپ کو پیش کرتی تھی
تم بہت حیران ہو کر
مجھ کو تنہا چھوڑ جاتے تھے
میں جو خود میں مبتلا تھا
جانتا تھا
تم مری تنہائی میں اپنی شگفتہ لہجگی کے ساتھ
اک محفل سجانا چاہتے ہو
تم اشاروں کی زباں میں
قربتوں کے رمز سمجھانے کی خاطر
میرے خوابوں پر بھی دستک دے رہے تھے
مگر یہ خواب جن میں زندگی آسان ہو جاتی ہے
مبہم خواہشیں اپنے مکمل خال و خد کو ڈھونڈ لیتی ہیں
تمناؤں سے ناآسودگی کی دھوپ ٹل جاتی ہے
یہاں بھی میری بے رفتار آنکھیں
میرے بے آواز لب
میری بے ترتیب سانسیں
تم سے اظہارِ تعلق کر نہ پائیں
میں بہ ظاہر تھا ،مگر خود میں چھپا تھا
خود میں چھپ کر میں نے خود کو جاننا چاہا
ایک دن جب میں نے خود کو پا لیا
اپنی بے رفتار آنکھوں کو تحرک پر مقرر کر دیا
اپنے بے آواز ہونٹوں میں تکلم بھر دیا
اپنی بے ترتیب سانسوں کو مرتب کر لیا
تب میں اپنے آپ سے گویا ہوا
دیکھتا کیا ہوں کہ میری دوسری آواز تم تھے
میری خاموشی کے اندر تم چھپے تھے
میرے سینے میں جو اِک بے تاب خواہش تھی، وہ تم تھے
میری ساری بدحواسی جو کہ مجھ میں تھی، تمھاری تھی
زندگی کے راستوں پر ہم کلامی کی طلب میں اک سفر تھا
اور تمھارا ہم سفر میں تھا
آؤ ہم اک بار پھر وہ راستے آباد کر دیں
جہاں پر خود کلامی، ہم کلامی سے تعلق جوڑتی ہے
آؤ ہم اپنی گواہی اُن بہاروں سے طلب کر لیں
جو پچھلے موسموں میں ہم کو حیرت کی نظر سے دیکھتی تھیں
آؤ پھر اک گفتگو کا دَور ہو جائے
اورایسی گفتگو
جس پر کئی سرگوشیاں قربان ہو جائیں
٭٭
فیصلہ اب تم کو کرنا ہے کون سی منزل پیاری ہے
اک سفر تو خوش رہنا ہے ایک سفر بیزاری ہے
عمر کے اِس حیرت خانے میں اب یہ سوچتے رہتے ہیں
تم کو بھول گئے ہیں ہم یا جسم سے گرد اُتاری ہے
دنیا کے کتنے ہی رُخ ہوں سانسوں کے کتنے ہی دن
ایک ہی رات ملی تھی سب نے ایک ہی رات گزاری ہے
راستہ روک کے بیٹھنے والو راہ کی گرد نہ ہو جانا
ہم دو چار مسافر کب ہیں قافلے کی تیاری ہے
صبح کا چہرہ پھیکا سا ہے شام کی آنکھیں سرخ نہیں
قتل کے اِس موسم میں شاید آج ہماری باری ہے
روشن باتیں، اُجلی سانسیں پہلے قرب میں ملتی تھیں
اب تو اُداسی کی لہریں ہیں چپ کا دریا جاری ہے
عزمؔ تمھارا رات گئے تک جاگتے رہنا ٹھیک نہیں
خوف کی ایسی تاریکی میں سو جانا بیداری ہے
٭٭
کہیں گویائی کے ہاتھوں سماعت رو رہی ہے
کہیں لب بستہ رہ جانے کی حسرت رو رہی ہے
کسی دیوار پر ناخن نے لکھا ہے رہائی
کسی گھر میں اسیری کی اذیت رو رہی ہے
کہیں منبر پہ خوش بیٹھا ہے اک سجدے کا نشہ
کہیں محراب کے نیچے عبادت رو رہی ہے
یہ ماتھے پر پسینے کی جو لرزش تم نے دیکھی
یہ اک چہرے پہ لاحاصل مشقت رو رہی ہے
عجب محفل ہے سب اک دوسرے پر ہنس رہے ہیں
عجب تنہائی ہے خلوت کی خلوت رو رہی ہے
یہ خاموشی نہیں سب التجائیں تھک چکی ہیں
یہ آنکھیں تر نہیں رونے کی عادت رو رہی ہے
جو بعد اَز ہجر آیا اس کو کیسے وصل کہہ دُوں
شکایت سے گلے مل کر ندامت رو رہی ہے
اِسے غصہ نہ سمجھو عزمؔ یہ میرے لہو میں
مسلسل ضبط کرنے کی روایت رو رہی ہے
٭٭
بساطِ جاں چمن آثار ہونے والی ہے ابھی کوئی نہ کہے قصۂ زوالِ آثار ٭
نقشِ پا بن نہ سکے راہ گزر سے آگے کوئی منزل نہ ملی اپنی خبر سے آگے
کوئی صورت نہ رہی اپنی یقیں سے ہٹ کر کوئی منظر نہ رہا اپنی نظر سے آگے
وصل قائم نہ ہوا عہدِ تعلق کے قریب ہجر باقی نہ رہا دیدۂ تر سے آگے
حُسن ٹھہرا ہی نہیں پردۂ دل کے پیچھے عشق آیا نہیں انکار کے ڈر سے آگے
وہ دیا کیوں نہ کسی رات کے باطن میں جلا
وہ دعا کیوں نہ گئی اپنے اثر سے آگے
سایہ ہوتے تو کسی شاخ کے نیچے رُکتے دھوپ ہوتے تو نکل جاتے شجر سے آگے
انھی موجوں میں کہیں ہو گی کوئی سطحِ قرار
ابھی ساحل نظر آئے گا بھنور سے آگے
اہلِ تردید سے کہہ دو کہ نہ رستے سے ہٹیں
ہم نکلنے ہی کو ہیں اپنے ہنر سے آگے
عزمؔ تعبیرِ در و بام بہت مشکل ہے
منزلیں اور بھی مل جاتی ہیں گھر سے آگے
٭٭
دل سویا ہوا تھا مدت سے یہ کیسی بشارت جاگی ہے
اِس بار لہو میں خواب نہیں تعبیر کی حسرت جاگی ہے
اِس بار نظر کے آنگن میں جو پھول کھلا خوش رنگ کھلا
اِس بار بصارت کے دل میں نادیدہ بصیرت جاگی ہے
اک بامِ سخن پر ہم نے بھی کچھ کہنے کی خواہش کی تھی
اک عمر کے بعد ہمارے لیے اب جا کے سماعت جاگی ہے
اک دستِ دعا کی نرمی سے اک چشمِ طلب کی سرخی تک
احوال برابر ہونے میں اک نسل کی وحشت جاگی ہے
اے طعنہ زنو دو چار برس تم بول لیے اب دیکھتے جاؤ
شمشیرِ سخن کس ہاتھ میں ہے کس خوں میں حرارت جاگی ہے
٭٭
وصل تو ہجر سے بھی بڑھ کر ہے اِتنے آنسو کبھی بہے ہی نہیں
جانے کیا تشنگی اِدھر لے آئی ہم تو ان روز و شب کے تھے ہی نہیں
عمر وارفتگی کی تھی لیکن اِک ہنسی تھی جو ہم ہنسے ہی نہیں ٭٭
اِس برس قاتل پہ ہے چشمِ قضا اُٹھنے کی دیر
یا کسی مظلوم کے دستِ دُعا اٹھنے کی دیر
غم ہی ایسا تھا کہ آنکھوں سے نمی جا نہ سکی
رونے والوں نے بہت خود کو ہنسانا چاہا
٭
روز و شب کے درمیاں یہ بے دلی پہلے نہ تھی
یا تو میں زندہ نہ تھا یا بے دلی پہلے نہ تھی
بارہا آئی لبوں تک گہرے سناٹوں کی آنچ
دل کو جھلساتی ہوئی یہ خامشی پہلے نہ تھی
تشکر: گلناز کوثر جنہوں نے فائل مہیا کی
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
تعبیر سے پہلے
عزم بہزاد
غزلیں
ڈرنے لگے تھے خواب میں شمشیر دیکھ کر
یہ شامِ قتل کیوں ہے بھلا اِتنی مطمئن
شاید گرفتِ حلقۂ زنجیر دیکھ کر
پہلے زباں خموش تھی اب دل خموش ہے
کیا حیرتیں ملیں تری تصویر دیکھ کر
اُس آنکھ کی حدود میں جو کچھ ہے اس کا ہے
ہم یوں ہی خو ش ہیں وسعتِ جاگیر دیکھ کر
اپنے حواس میں نہ رہے اُس گلی کے لوگ
اک مرحلے پہ جرأتِ تقریر دیکھ کر
تم عزمؔ ہار جاؤ گے میدانِ احتیاط
اندازہ ہو گیا ہدفِ تیر دیکھ کر
٭٭
جب سے دِیا اُمید کا، جل کے سیاہ ہو گیا
وادیِ دل میں خیمہ زن، لشکرِ آہ ہو گیا
جتنے ترے حریف تھے سب مرے دوست بن گئے
مجھ سے ترے فراق میں یہ بھی گناہ ہو گیا
راس نہ آسکا مجھے، عالمِ ہجر دو گھڑی
کوچۂ یار پھر مری جائے پناہ ہو گیا
سوچنا چاہتے تھے ہم کچھ غمِ روزگار پر
وقفۂ عشق بھی مگر صرفِ گناہ ہو گیا
رات ترے خرام پر یاروں میں بحث چھڑ گئی
آخرِ کار صرف میں تیرا گواہ ہو گیا
چشمِ زدن میں چھن گئی، مملکت اختیار کی
ایک فقیر ہو گیا، دوسرا بادشاہ ہو گیا
دل معاملات سے عزمؔ بہت ہی دُور ہے
مسئلہ اِس کا آج کل منصب و جاہ ہو گیا
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)