دین و مذہب

تکلم، بیانیہ اور افسانویت

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (8,686 الفاظ)

تکلم، بیانیہ اور افسانویت

سکندر احمد

"ایک چڑیا آئی، چونچ میں دانہ لیا، اور پُھرّ سے اڑ گئی۔"

قصہ گو نے کہنا شروع کیا۔ بادشاہ کی فرمائش جو تھی، کبھی نہ ختم ہونے والی کہانی کی۔ قصہ گو نے ابھی دوچار چڑیاں اڑائی ہی تھی، کہ بادشاہ نے تلوار نکال لی اور گرجتے ہوئے کہا "ابے تو صرف چڑیاں ہی اڑائے گا یا کہانی بھی شروع کرے گا، اگر تو نے ایک بھی چڑیا اڑائی تو میں تیری گردن اڑا دوں گا"۔ قصہ گو نے لرزتے ہوئے کہا۔ "میں کہانی ہی تو سنا رہا ہوں "۔

قصّہ گو کے ساتھ بادشاہ نے کیا سلوک کیا، مجھے معلوم نہیں۔ تاہم ایک سوال تو اب تک جواب طلب ہے کہ آیا کہانی شروع بھی ہوئی یا نہیں ؟جواب اگر اثبات میں ہو تو اگلا سوال یہ ہے کہ کب شروع ہوئی؟ کیا پہلی چڑیا کے اڑنے سے شروع ہو گئی یا چڑیوں کی ایک مخصوص تعداد کے اڑنے کے بعد شروع ہوئی۔ جواب اگر نفی میں ہو تب دوسرا سوال ہو گا کہ چڑیوں کی وہ کون سی مخصوص تعداد ہے جن کے اڑنے کے بعد یہ کہا جاسکے کہ "کہانی کا آغاز ہو گیا"۔ یا صرف چڑیوں کے اڑنے سے افسانویت قائم نہیں ہوسکتی، کچھ اور چاہیے وسعت میرے بیاں کے لیے"۔

"کسی نے کسی کو کہا کہ کچھ ہوا"۔

یہ تعریف Barbara Herrnstein Smith کی ہے۔ ایک چڑیا کا بھی اڑنا ایک واقعہ ہے یعنی کہ "کچھ ہوا"۔ بات ظاہر ہے کہ صرف واقعے کی ظہور پذیری ہی افسانویت کی ضمانت نہیں۔ آخر وہ کون سے لوازم ہیں جو ظہور پذیری کو افسانے میں تبدیل کر دیتے ہیں ؟ ظہور پذیری کی بات چھوڑیے، موجودہ تناظر میں لفظ Narrative یعنی بیانیہ کااستعمال ان معنوں میں بھی ہو رہا ہے جن کا براہ راست تعلق کسی واقعے سے نہیں۔ مفصل مزید گفتگو آئندہ صفحات میں ہے۔ فی الوقت علاقہ صرف بیانہ اور بیانیے کے واقعاتی تناظر سے ہے جس کا اظہار تکلم کے ذریعے ہوتا ہے۔

روز مرہ کی زندگی میں ہمارا سابقہ ایسے بے شمار تحریری نمونوں سے پڑتا ہے جن کا تعلق کسی نہ کسی واقعے کی ظہور پذیری سے ہوتا ہے۔ تاریخ، وقائع نویسی، صحافت واقعات پر مبنی ہیں۔ افسانویت کی اصل بھی واقعات پر ہی ٹکی ہوئی ہے۔ کوئی ایسا پیمانہ، کوئی ایسی کسوٹی قائم کی جاسکتی ہے جس کی بنا پر یہ کہا جاسکے کہ مخصوص بیانیہ افسانویت سے مملو ہے اور مخصوص بیانیہ افسانویت سے عاری ہے۔ یا پھر افسانویت ایک اضافی تصور ہے۔ یعنی کسی بیانیے میں افسانویت نسبتاً زیادہ ہے اور کسی میں (نسبتاً) کم۔ Barbara Herrnstein Smith کے برخلاف Noel Carroll جب بیانیہ یعنی Narrative کی تعریف کرتا ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ سرسری نہیں بلکہ جامعیت کی طرف گامزن ہے اور کلیہ سازی سے زیادہ قریب ہے۔ Barbara Herrnstein Smith جہاں بیانیے کے لیے صرف ایک واقعے کی ظہور پذیری کافی سمجھتی ہے: "کچھ ہوا" وہیں Noel Carroll کے نزدیک کم از کم دو واقعات کی ظہور پذیری لازمی ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے واقعات کے مابین ترتیب، تنظیم اور ربط کی کیا صورت ہو کہ یہ کہا جاسکے کہ افسانویت قائم ہو گئی۔

ایک اور گنجایش ہے۔ عین ممکن ہے کہ ایک بیانیہ 'افسانے' کے زمرے میں تو نہ آئے تاہم اسے 'افسانہ نما' کہا جاسکتا ہے۔ "Not a short story possess yet a story form" یعنی "افسانویت" ایک اضافی تصور کے طور پر ابھرتی ہے۔

بایں ہمہ دو یا دو سے زیادہ واقعات کے مابین ربط کی کیا صورت ہو کہ "افسانویت" قائم ہو جائے۔ مثلاً یہ کہا جاسکتا ہے کہ واقعات موضوع کے اعتبار سے باہم مربوط ہوں۔ Noel Carroll کے نزدیک اگر واقعات کی جگہ صورت حال ہو تب بھی "افسانویت" قائم ہوسکتی ہے۔ ایک وضاحت ضروری ہے کہ Noel Carroll نے کہیں لفظ افسانویت (Fictionality) کا ذکر نہیں کیا ہے تاہم اس کی تحریروں سے صاف ظاہر ہے کہ Narrative سے مراد افسانہ اور Narrativity سے مراد Fictionality یعنی افسانویت ہے۔ سوال یہ ہے کہ بیانیے کی شروعات کہاں سے ہوتی ہے؟ اور کب یہ کہا جاسکتا ہے کہ بیانیے کی تشکیل ہو گئی؟ سب سے اہم سوال تو یہ ہے کہ آیا بیانیے کی تشکیل سے ہی افسانویت قائم ہو گئی؟

ہر بیانیے کی ابتدا تکلم (Utterance) سے ہوتی ہے۔ تکلم ہی کے حوالے سے بیانیہ جاری رہتا ہے اور تکلم پر ہی اختتام پذیر ہو جاتا ہے۔ تو کیا تکلم (Utterance) بیانیے کے حوالے سے افسانویت کی ضمانت ہے؟ یا تکلم (Utterance) سے افسانے تک سفر بیانیہ کے مرحلے سے گزرتے ہوئے اختتام پذیر ہوتا ہے۔ کوئی واحد طریق کار بیانیے کی اصل تک رسائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ بیانیہ پر گفتگو کے لیے متعدد طریق کار ہوسکتے ہیں اور ان طریق کار کے باہمی ربط سے ایک سیر حاصل مکالمہ قائم ہوسکتا ہے تاہم کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچا جاسکتا۔ افسانویت کے حوالے سے دو اور دو چار نہیں ہوسکتے۔ چار ہونے کی بات تو درکنار، دو اور دو پر بھی سوالیہ نشان لگائے جاسکتے ہیں۔ بہ قول Roland Barth:"بیانیہ ہر عہد اور سماج اور ہر جگہ موجود ہے۔ انفرادی اور اجتماعی طور پر ہر شخص کا حوالہ بیانیہ ہی ہے۔ "بیانیہ ہے اسی لیے میں ہوں "۔ بیانیہ کی حیثیت بین الاقوامی، ماورائے ثقافت اور ما ورائے تاریخ ہے۔یہ بس موجود ہے جس طرح زندگی موجود ہے۔"

یا Thomas King کے مطابق :"The truth of about story is all that we have۔" اگر سب کچھ بیانیہ ہے اور یہ ہمہ گیر اور ہمہ وقت ہے تو بیانیہ پر گفتگو کیوں ہو؟ بس ہے تو ہے! اور اگر ایسا ہے تو اچھے اور برے بیانیے کے درمیان، کارآمد اور بے کار بیانیے کے مابین، عمیق اور سطحی بیانیے کے مابین تفریق کی کیا ضرورت ہے؟ فی زمانہ بیانیہ بہ ذات خود بیانیاتی تصور سے تجاوز کر گیا ہے اور دیگر تصورات کی حدود میں داخل ہو گیا ہے۔ سری لنکا میں تمل باغیوں کی سری لنکائی فوج کے ہاتھوں شکست کے بعد ایک انگریزی اخبار نے سرخی جمائی : "Defeat of Tamil narrative in Sri Lanka۔" یعنی بیانیہ کا تعلق کسی واقعے یا مجموعۂ واقعات سے نہیں بلکہ "موقف" سے ہے۔ "بیانیہ" بہ معنی "موقف" کا استعمال انگریزی ذرائع ابلاغ میں بہ زبان فصیح "کثرت" سے نہیں بلکہ دھڑلّے سے ہو رہا ہے۔ امریکی اخباروں میں اکثر اس طرح کی سرخیاں نظر آ جاتی ہیں :

Israel and Palestine: A struggle over the competing narratives.

اس جگہ ہوسکتا ہے کہ بیانیہ کے پس منظر میں واقعات ہی ہوں تاہم بیانیہ، بہ ذات خود موقف ہے، واقعہ یا مجموعۂ واقعات نہیں۔

چوں کہ بیانیہ ونیلا کی خوشبو (Vanilla Essence) کی ہر پکوان میں موجود ہے، ایک ایسے مباحثے کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جاسکتا جس میں تکلم، بیانیہ اور افسانویت کے باہمی تعلقات پر گفتگو بھی ہو نیز اس تصور کے وسیع ترین تناظر پر بھی مکالمہ قائم ہو۔

دیکھنا یہ ہے کہ کب تکلّم (Utterance) میں تکلم محض (Mere Utterance) رہتا ہے اور وہ کون سی شرائط و حالات ہیں جن میں تکلم بیانیہ شکل اختیار کر لیتا ہے اور وہ کون سے اسباب و علل ہیں جو بیانیۂ محض (Mere Utterance) کو افسانویت عطا کرتے ہیں۔

"کسی نے کسی کو کہا کہ کچھ ہوا"۔

صرف مذکورہ جملہ بیانیہ کی تعریف نہیں ہوسکتی۔ کسی کو بھی Barbara Harrenstein Smith سے اختلاف ہوسکتا ہے۔ مذکورہ جملہ بیانیہ کی تمہید تو ہوسکتی ہے تعریف نہیں۔ اگر صرف ظہور پذیری ہی ضمانت ہے تو ایسی صورت میں میڈیا کی خبریں، تاریخ کے سپاٹ واقعات، وقائع نویسی، ڈائری کے منتشر اوراق اور اس قماش کی تمام پیش کش بیانیہ میں شمار ہوں گی۔ ماقبل اس کے کہ گفتگو اس بات پر ہو کہ "بیانیہ کیا ہے"، یہ لازمی ہے کہ گفتگو کا محور و مرکز یہ ہو کہ "بیانیہ کیا نہیں ہے"۔

"بیانیہ کیا نہیں ہے" پر گفتگو شروع کرنے سے پہلے مختصراً ایک کسوٹی، ایک پیمانے کا تعین لازمی ہے جن پر پرکھ یا پیمایش کر کے یہ طے کیا جاسکے کہ مخصوص متن (Text) یا پیش کش (discourse) بیانیہ نہیں۔ میں صرف دو ماہرینِ بیانیات سے استفادہ کروں گا، Rimon Kennan اور Nayne D۔ Bowman جن کے نام ہیں۔

مذکورہ دونوں ماہرین کے نزدیک بیانیے میں دو خصوصیات کا ہونا لازمی ہے۔ Temporality یعنی زمانیت۔ بہ الفاظ دیگر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ واقعات کی ظہور پذیری ہی زمانیت کی ضمانت ہے کیوں کہ واقعات ہمیشہ وقت آئندہ کی جانب گامزن رہتے ہیں (Event, by its nature, always moves forward)۔ پیش روؤں نے بیانیے کی زمانیت (Temporality) کو زمانیت محض (Mere temporality) نہ کہہ کر دوچند زمانیت (Double Temporality) کہا ہے۔ اجمال کی تفصیل یا ابہام کی توضیح آپ جو سمجھ لیں، یہ ہے کہ واقعات کی ترتیب اپنی اصل خصوصیت میں آئندہ کی طرف گامزن رہتا ہے تاہم جب پیش کش کی شکل میں سامنے آتا ہے تو یہ زمانی ترتیب درہم برہم بھی ہوسکتی ہے اور اکثر ہوتی ہے کیوں کہ Flashback یعنی جست ماضی یا پس جستی اور Fast Forward یعنی جست مستقبل یا پیش جستی کا استعمال کثرت سے ہوتا ہے۔ لب و لباب یہ کہ واقعات کی اصل ترتیب اور بیانیہ میں پیش کردہ ترتیب ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہیں اور یکساں واقعات کی زمانی ترتیب دوچند ہوتی ہے یا ہوسکتی ہے، اسے ہی Double Temporality یا دو چند زمانیت کہتے ہیں۔ Wayre D Bowman ایک اضافی ذیلی خصوصیت Sitnatedness کا بھی ذکر کرتا ہے۔ میرے خیال میں، ہمیں اسے واقعات کے زمرے میں شمار کرنا چاہیے۔

بیانیہ کی دوسری خصوصیت یہ ہے کہ بیان (Narration) یعنی ترسیل کا ذریعہ۔ بیانیہ اور بیان (Narrative and Narration) لازم و ملزوم ہیں۔ بات ظاہر ہے بغیر بیان کے بیانیے پر کوئی ڈسکورس، کوئی گفتگو، کوئی مکالمہ، کوئی مباحثہ قائم ہوہی نہیں سکتا۔

بیانیہ در اصل انسانی مسائل اور تجربات کا مظہر ہے۔ ایسے تجربے شعوری کوشش کا نتیجہ نہیں ہوتے بلکہ روز مرہ کے واقعات میں شامل رہتے ہیں جن سے انسان دوچار ہوتا رہتا ہے۔ جب متعلقہ تجربات کی ہیئت، ماہیت اور معنویت میں دوچند زمانیت اور ترسیل کے ذریعے ایک بڑے طبقے کو شریک کرنے کی سعی کی جائے، تو بیانیہ معرضِ وجود میں آتا ہے۔ مسائل و تجربات سے نبرد آزمائی تو غیر شعوری ہوتی ہے تاہم جب انھیں ان کے تناظر کے ساتھ شیئر کرنے کی کوشش کی جائے، تو بیانیہ ہی واحد ذریعہ ہے۔ ہم تقریباً روزانہ اوروں سے اپنے تجربات کا تبادلہ کرتے ہیں لیکن بیانیہ کی تشکیل نہیں کرتے۔ بیانیہ کا مخاطب (Audience) تمام دنیا ہے۔ آپس کی گفتگو محض آپسی ہو کر رہ جاتی ہے کیوں کہ اس کا تناظر محدود ہوتا ہے۔ ایسی گفتگو اپنے وسیع تناظر میں "افواہ" کی شکل تو اختیار کرسکتی ہے بیانیہ نہیں بن سکتی۔ خود کلامی بھی بیانیہ کی شکل تب ہی اختیار کرتی ہے جب اس میں دوسروں کو شریک کیا جائے۔ گفتگو اور خود کلامی تکلم محض (Mere Utterance) ہیں، بیانیہ نہیں۔ اپنے آپ ان میں زمانیت تو ہو سکتی ہے، ہوسکتا ہے دوچند زمانیت بھی ہو، تاہم ان کی ترسیل نہیں ہوتی۔ ان کا سفر دوچار قدموں تک محدود ہوتا ہے۔ بیانیہ کا سفر ہمہ وقتی ہوتا ہے۔ بیانیہ کے ذریعے انسانی تجربات و حوادث وقت کے تسلسل کے ساتھ وا ہوتے ہیں۔ یہ ایک سلسلہ ہے، گذر چکے تجربات کا، گذرتے ہوئے حال کا اور متوقع مستقبل کا۔ "تکلم محض" کے زمرے میں صرف آپسی گفتگو اور خود کلامی ہی نہیں آتی۔ صحافتی خبریں، تاریخ کے سپاٹ واقعات، ڈائری کے منتشر اوراق اپنے آپ میں "تکلم محض " (Mere Utterance) ہیں۔ واضح رہے کہ یہ "اپنے آپ میں " "تکلم محض" ہیں۔ عین ممکن ہے جب ان کو تخلیقی پیرائے میں پیش کیا جائے تو ان میں ہمہ وقتی اور آفاقیت پیدا ہو جائے۔ "تکلم محض" کا پیرایۂ اظہار اس کا کینوس محدود ہوتا ہے۔ "تکلم محض" بیانیہ کا خام مال (Raw Material) تو ہوسکتا ہے، بیانیہ نہیں ہوسکتا۔ "تکلم محض" بیانیہ نہیں ہوتا، بیانیہ بن سکتا ہے۔ تاہم بیانیہ اپنی ابتدائی شکل میں "تکلم محض" ہی ہوتا ہے اور انتہائی شکل میں افسانے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ ظاہر ہے بیانیہ اور افسانویت میں گہرا رشتہ ہے۔ ہر بیانیہ اپنے آپ میں افسانویت کا حامل ہوتا ہے، فرق صرف مقدار و تناسب کا ہوتا ہے۔ جب کوئی مورخ یا تاریخ کا طالب علم تاریخی واقعات کا ذکر بہ طور بیانیہ کر رہا ہوتا ہے تو اپنے آپ میں صحیح ہوتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح، جب ادب کا طالب علم کسی افسانے پر گفتگو کر رہا ہوتا ہے تو اسے بیانیے کے زمرے میں رکھتا ہے۔ تاریخ کے طالب علم کے پیش نظر بیانیے کی وہ شکل ہوتی ہے جس میں افسانویت مقدار و تناسب میں کم سے کم ہوتی ہے جب کہ ادب کے طالب علم کے پیش نظر مذکورہ بیانیے میں افسانویت مقدار و تناسب زیادہ سے زیادہ یا یوں کہہ سکتے ہیں کہ اپنی بلند ترین سطح پر ہوتی ہے۔ اگر بیانیے کی ارتقائی لکیر کھینچی جائے تو کچھ اس طرح کی ہو گی:

(1) تکلّم - بیانیے کی ابتدائی شکل - بیانیے کی درمیانی شکل

- بیانیے کی انتہائی شکل = افسانہ

(2) بیانیے کی درمیانی شکل = صحافتی خبریں، تاریخی واقعات، سال نویسی، ڈائری نویسی

معروضی پیمانہ: ایک کوشش

بیانیے میں افسانویت کی پیمایش کے متعدد امکانات ہوسکتے ہیں۔ ایک طریقہ تو یہ ہوسکتا ہے کہ اسے سماجی علوم کے ایک شعبے کی طرح لیا جائے، ایک مکالمہ قائم کرنے کی کوشش کی جائے اور مکالماتی فضا سے قارئین اپنے نتائج خود اخذ کریں۔ بایں ہمہ موجودہ صورت حال یہ ہے کہ بیانیہ اسپاٹ لائٹ میں نہیں بلکہ بیانیہ بہ ذات خود ایک اسپاٹ لائٹ ہے جس کی روشنی میں (جملہ نہیں ) بیش تر عصری ڈسکورس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ Narrative دور حاضر کی انٹلکچوئل گفتگو کی من پسند اصطلاح بن چکا ہے۔ بین العلومی تناظر میں بیانیہ، بہ طور اصطلاح اس قدر رائج ہو چکا ہے کہ خالص ادبی حوالے سے مباحثہ قائم کرنے کی غرض سے رد و قبول کا عمل ناگزیر ہے۔

بیانیہ (Narrative) کئی شکلوں میں اپنی اصطلاحی معنویت کے ساتھ مستعمل ہے۔ مثلاً نفسیاتی تجزیے میں، نظریاتی موقف میں، زندگی کے تناظر میں، صحافت میں، تاریخ میں، وقائع نویسی میں وغیرہ وغیرہ۔ مذکورہ تمام علوم میں مستعمل لفظ Narrative کے جائزے کی چنداں ضرورت نہیں۔ دوچار کے ذکر سے ہی ایک مفروضاتی ڈھانچے کی تعمیر ممکن ہے۔

نفسیاتی تجزیے کا ایک طریقۂ کار یہ ہے کہ معمول ماہر نفسیات کو ایک کہانی سناتا ہے۔ ماہر نفسیات متعلقہ کہانی کو نفسیاتی نقطۂ نظر سے دہراتا ہے اور دونوں کہانیوں کے پیش نظر نتائج اخذ کرتا ہے۔ یہ طریقہ کار خالصتاً نفسیات کا معاملہ ہے۔ تاہم چوں کہ اس میں "افسانویت" پنہاں ہے، اسے "بیانیہ اور افسانویت" کے حدود اربعہ میں نہ لانے کی کوئی قابل قبول وجہ نہیں۔ شافر (Schafer) کے نزدیک جب معمول کچھ کہتا ہے تو اس کہے ہوئے یعنی بیان میں ایک کہانی چھپی ہوئی ہے۔ تاہم یہ کہانی، افسانویت کے عناصر دو زمانیت (Double Temporality) اور ترسیل سے مملو نہیں بلکہ ایک تصور (Assumption) یا مفروضہ (Hypothesis) ہے۔ شافر یا اس زمرے کے دیگر ماہرین لاکھ اسے بیانیہ کے نظری مباحث میں شامل کرنا چاہیں، نفسیاتی تجزیے کا ہوسکتا ہے کوئی بیانیاتی تناظر طول دے کر پیدا کر لیا جائے، افسانوی تناظر نہیں پیدا کیا جاسکتا۔ نفسیاتی تجزیے میں کہانی کے عناصر سے کہیں زیادہ بیانیہ سے پرے (Beyond Narrative) عوامل کار فرما ہوتے ہیں۔ مثلاً اگر کوئی معمول وقت سے پہلے Story Session کی غرض سے حاضر ہو تو یہ فکر و تردد کی علامت ہے، اگر دیر سے آئے تو جارحیت (Aggression) کا مظہر ہے اور اگر عین وقت پر آئے تو ضرورت سے زیادہ مطلقیت کی غمازی کرتا ہے۔ تاہم اگر آمد و رفت کا کوئی مخصوص نظام (Pattern) نہیں بنتا تو اسے منتشر اور پرا گندہ ذہنیت کی نشانی متصور کیا جاتا ہے۔ بات ظاہر ہے نفسیاتی تجزیے کا کوئی بیانیاتی تناظر پیدا کرنا بال کی کھال نکالنے کے مترادف ہے۔

انڈین ایکسپریس (Indian Express) کی شاہ سرخی "Defeat of Tamil Narrative in Sri Lanka" پر لوٹتے ہوئے۔ اگر ایک بیانیے (Tamil Narrative) کی شکست ہوئی ہو تو ظاہر ہے ایک بیانیہ فتح یاب ہوا ہے۔ موجودہ تناظر فتح یاب بیانیہ سنہالی یعنی سری لنکا کے اکثریتی طبقے سے ہے۔ تاہم مذکورہ تصادم کا تعلق قومیت، زمین، مذہب، طاقت، انسانی حقوق طاقت وغیرہ سے تو ہوسکتاہے، اس تصادم کا بیانیہ سے کیا تعلق ہے؟ اب کوئی کہہ سکتا ہے دونوں متصادم گروہوں کے اپنے اپنے مختلف بیانیے ہیں۔ مثلاً تملوں کا بیانیہ ان واقعات کا مجموعہ ہوسکتاہے جن میں اقتدار سے بے دخلی، سنہالیوں کا نسل پرستانہ رویہ، آزادی کا ایک طویل سلسلہ وغیرہ ہوسکتے ہیں۔ سنہالوں کے بیانیے میں تملوں کی ہٹ دھرمی، باغیانہ تیور، تعداد سے زیادہ اختیار طلبی پر مبنی واقعات ہوسکتے ہیں۔ تاہم اس تصادم کے پس پشت صرف واقعات ہی نہیں بلکہ ان واقعات میں مخفی متحارب سچائیاں (Competing Truths) ہیں جن کا تعلق نظریاتی موقف (Ideological Stance) سے ہے۔ ایسے میں کوئی بھی ماہر بیانیات ہاتھ اٹھا دے گا اور کہے گا "میں نے تو ایسا نہ کہا نہ سوچا"۔

تاریخ میں کم از کم واقعات تو ہوتے ہیں جن سے بیانیائی تناظر کی دریافت کی جاسکتی ہے۔ تاہم اگر یہاں بھی واقعات کے پس پشت متحارب سچائیاں (Competing Truths) اور متحارب سچائیوں میں مخفی نظریاتی موقف پر گفتگو ہونے لگے تو۔۔۔ ظاہر ہے بیانیہ کوئی ربر کا فیتہ نہیں کہ کھینچتا چلا جائے۔

بیانیہ بہ طور زندگی : زندگی بہ طور بیانیہ

Barbara Harrnstein کے مطابق ہمارے خواب (بہ شمول بہ حالت بیداری)، ہماری یاد داشت، ہماری امیدیں، ہماری نا امیدی، ہمارے اندازے، ہماری پیش گوئیاں، ہمارے لائحۂ اعمال، ہماری گپ شپ، ہمارے خدشات، ہماری محبتیں، ہماری نفرتیں، ہماری ذاتی پسند نا پسند، غرض یہ کہ ہماری زندگی کے جملہ امور بیانیوں پر مشتمل ہیں۔

- جیسا کہ ظاہر ہے، درج بالا مفروضے میں مبالغہ آمیزی زیادہ، حقیقت پسندی کم ہے۔

- اگر ہم زندگی نہیں بلکہ بیانیے جی رہے ہیں تو پھر اس پر گفتگو کیوں ؟ ٹھیک اسی طرح جس طرح دریدا نے کہا تھا:"Deconstruction کیا نہیں ہے؟ سب کچھ۔"

- بیانیہ کیا ہے؟ سب کچھ۔

- بیانیہ کیا نہیں ہے؟ کچھ نہیں۔

تاہم یہ بھی صحیح ہے کہ ہماری زندگی کا ایک قابل ذکر حصہ بیانیوں کے تبادلے میں گذرتا ہے اور حیرت انگیز طور پر معلقہ بیانیے افسانوی بیانیے کی ہیئت لیے ہوئے ہوتے ہیں۔ ہماری خود کلامیاں بھی اکثر بیانیائی عناصر سے مملو ہوتی ہیں نیز ہم اکثر ماضی کا ذکر، حال پر تبصرہ اور مستقبل کی پیش گوئی بھی بیانیوں کی شکل میں کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں بیش تر کاوشیں بھی بیانیوں ہی کی طرح گامزن ہوتی ہیں۔ لب لباب یہ کہ تبادلہ شدہ بیانیے، ہماری خود کلامیاں، ماضی، حال اور مستقبل کا تذکرہ، ہماری کاوشوں میں ایک حیرت انگیز مماثلت ہوتی ہے اور وہ یہ کہ ان میں آغاز، درمیان اور اختتام، اسی ترتیب میں پائے جاتے ہیں جس ترتیب میں ارسطو نے Mythos کی وقوع پذیری کو پیش کیا تھا۔ تاہم Mythos کے برعکس درمیان میں تصادم اور کلائمکس ہو یہ ضروری نہیں۔ واضح رہے کہ ارسطوئی Mythos کی ترتیب کچھ یوں ہے۔

تعارف (آغاز) تصادم اور کلائمکس تحلیل

متقدمین، متوسطین اور متاخرین نے Mythos میں واقعات کی ظہور پذیری کی متعدد تراتیب پیش کی ہیں۔ درج بالا ترتیب ان میں سے ایک ہے۔ یہ ترتیب واحد نہیں، ترتیب محض ہے۔ دوسری بات یہ کہ اگر درمیان میں تصادم اور کلائمکس نہ ہو تو ایسی صورت میں مستقیم بیانیہ صرف واقعات کا تسلسل بن کر رہ جائے گا مثلاً زید پیدا ہوا، جوانی میں شادی کی، بچے پیدا کیے، بڑھاپے میں فوت ہو گیا۔ اگر یہ انسانی زندگی کی Narrative ہے تو پھر جانوروں نے کیا جرم کیا ہے کہ انھیں اس تھیوری کے اطلاق سے محروم رکھا جائے۔ خود اس خاکسار کے گھر کے روشن دان میں کبوتر کے جوڑے نے گھروندا بسایا، انڈے دیے۔ انڈوں سے بچے نکلے، بڑے ہوئے اور اڑ گئے۔ آخر انسانی زندگی کے بیانیے اور جانوروں کی زندگی کے بیانیے میں فرق ہی کیا ہے؟

فرق ہے۔ پہلا تو یہ کہ جانور اپنی زندگی کے نہ تو مشاہد ہیں نہ ہی راوی۔ انسان اشرف المخلوقات ہونے کی وجہ سے اپنی زندگی کو Theorise کرسکتا ہے، جانور نہیں۔ دوسرا فرق یہ ہے کہ جانوروں کے بیش تر (جملہ نہیں ) اعمال جبلی ہوتے ہیں، شعوری نہیں ہوتے جب کہ انسانوں کے بیش تر (جملہ نہیں ) اعمال شعوری ہوتے ہیں، جبلی نہیں ہوتے۔ مزید براں، جیساکہ Strawson نے کہا ہے زندگی اور بیانیہ کے مابین تعلق کبھی تو مشاہدہ بیان اور معیاری نظریے کی مخلوط شکل میں۔

بات کو آسان کرتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ لوگ اپنی زندگی کو بیانیے کی طرح اس لیے جیتے ہیں کہ اگر غور سے پرکھا جائے تو یہ طرز حیات افسانوی مجموعے کی شکل میں ابھر تا ہے۔ یہاں افسانوی مجموعے سے مراد زندگی کے وہ تجربات ہیں جو آغاز، درمیان اور اختتام کی ترتیب میں پیش آتے ہیں، افسانوی مجموعے سے مراد انتھالوجی نہیں۔ معیاری نظریے سے مراد یہ ہے، جب انسان گذشتہ بیانیوں پر نظر ڈالتا ہے تو اس کی آئندہ کوشش یہ ہوتی ہے کہ اپنی زندگی کو مکمّل، ذاتی عرفان کے ساتھ مخصوص تشخّص سے مملو، کھرے پن سے لب ریز جیے۔

جانوروں کے بیانیے اور انسانوں کے بیانیے میں افتراق کی گنجایش ہے۔ ہم یہ بھی کہہ سکتے ہیں انسانی تجربوں کا مشاہد اور بیان کنندہ خود انسان ہوتا ہے۔ جانوروں کے بیانیے میں یہ ممکن نہیں۔ تاہم انسان جانوروں کے خارجی بیانیے کا مشاہد بھی ہوسکتا ہے اور بیان کنندہ بھی۔

زندگی بہ طور بیانیہ پر مفصل گفتگو کو آئندہ کے لیے چھوڑا جائے۔ تاہم بیانیہ کے اس وسیع ترین تناظر میں اس بیانیے کو کس طرح تلاش کیا جائے کہ تناظر سمٹ جائے اور بیانیہ اور افسانہ اس قدر قریب ہو جائیں کہ اگر ایک پر گفتگو کر لی تو دوسرے پر گفتگو ہو گئی۔

ایک طریقہ تو Hayden white نے سجھایا۔ ماقبل بیانیات (Proto Narratology) کے حوالے سے روسی ہیئت پسندوں کی دو اصطلاحیں ہیں Fabula، فابلا اور Schuzet یعنی شوزے۔ فابلا افسانے کے وہ عناصر ہیں جو تجریدی (Abstract) شکل میں موجود رہتے ہیں، جب کوئی فن کار انھیں یکجا کر کے ایک منظّم شکل میں پیش کر دے تو اسے شوزے کہا جاسکتا ہے۔ فابلا سے شوزے تک کا سفر در اصل تخلیقیت اور فن کاری کا سفر ہے۔ پیش کش جس قدر خود تخلیقیت اور فن کاری سے مملو ہو گی اس قدر افسانویت سے قریب ہو گی۔ فن کاری اور تخلیقیت کا کوئی معروضی پیمانہ تو مقرر نہیں کیا جاسکتا تاہم پیش کش کی مختلف شکلوں سے اس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

ایک صحافتی خبر یہ آئی تھی کہ ہندوستان میں بردہ فروشی اب تک جاری ہے۔ ایک صحافی اشونی سرین ایک آدی باسی عورت، جس کا نام کملا تھا، کو خرید لایا۔ اخباروں میں زبردست گہما گہمی رہی۔ خوب ہنگامہ رہا۔ تاہم واقعے کی نوعیت اخباری ہی رہی۔ کسی فلم والے نے اس واقعے پر مبنی ایک Screen play لکھا اور فلم بنا ڈالی۔ بنیادی واقعہ تو ایک ہی رہا لیکن ذیلی واقعات، ہرچند کہ اختراعی تھے، زبردست تخلیقیت کے حامل تھے۔ کملا کے تعلق سے اخباری خبر اور فلم "کملا" کا فابلا تو ایک ہی تھا تاہم پیش کش الگ الگ نوعیت کی تھی۔ اخباری خبر میں تخلیقیت برائے نام بھی نہیں تھی جب کہ فلم "کملا" میں بھرپور تخلیقیت تھی۔ جب ہم اور آپ اخباری خبر کے حوالے سے گفتگو کریں گے تو صرف بیانیے پر گفتگو کریں گے جو Mere utterance یعنی تکلم محض کے زمرے میں آئے گا۔ لیکن جب فلم "کملا" پر گفتگو کریں گے تو بیانیہ تکلم محض نہیں رہے گا بلکہ یہ گفتگو بہ یک وقت بیانیہ اور افسانویت دونوں سے مملو رہے گی۔ انار کلی ہوسکتا ہے تاریخی کردار نہ ہو۔ چلیے یہ مان لیں کہ یہ ایک تاریخی کردار ہے۔ چلیے یہ بھی مان لیں کہ اکبر اعظم نے اسے دیوار میں زندہ چنوا دیا تھا۔ تاہم امتیاز علی تاج نے اسے دیوار میں چنوا دیا لیکن کے۔ آصف نے تو کمال امروہوی کے ذریعے انارکلی کی جان بخشی کروا دی۔ ان دونوں پیش کش میں صرف ایک مماثلت ہے اور وہ مماثلت یہ ہے کہ اکبر اعظم کے زمانے میں ایک کنیز تھی جس کا نام انارکلی تھا۔ دیوار میں زندہ چنوانے کا واقعہ تو مشتبہ ہے۔ اس ایک مختصر سے فابلا سے دو شوزے پیش کیے گئے اور دونوں زبردست فن کاری اور تخلیقیت سے لب ریز ہیں۔ فن کاری اور تخلیقیت کی پیمایش ناممکن سہی تاہم انھیں محسوس تو کیا ہی جاسکتا ہے۔

آگے بڑھنے کے پہلے چند امور پر گفتگو شاید دلچسپی کا حامل ہو۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ فابلا پہلے سے ہی موجود رہتا ہے شوزے تو تنظیم محض ہے۔ چند ماہرین بیانیات (Narratologists) کے نزدیک فابلا ایک ہوائی تصور ہے کیوں کہ جب متن یا پیش کش سامنے آتا ہے تب بھی پیش کش یعنی شوزے سے ہی یہ اخذ کیا جاتا ہے یعنی پیش کش (شوزے) کی حیثیت اولین ہے، فابلا کی نہیں۔ میرے خیال میں دونوں مفروضے صحیح ہیں۔ ہر چند کہ فابلا تجریدی شکل میں موجود رہتا ہے، اسے دریافت کرنا ناممکن ہے جب تک کہ یہ پیش کش کی شکل جیسے ناول یا افسانے میں منظّم نہ ہو جائے۔ ہندی میں ایک شعر ہے جس کے معنی کچھ یہ ہیں کہ استاد اور بھگوان دونوں موجود ہیں۔ میں کس کے پاؤں پڑوں۔ میں تو گرو کے پاؤں پڑوں گا کیوں کہ انھوں نے ہی مجھے بتایا کہ بھگوان کون ہیں۔ در اصل شوزے ہی یہ بتاتا ہے کہ فابلا پہلے سے موجود تھا۔ در اصل یہ ایک لاحاصل بحث ہے بالکل انڈے اور مرغی والی، یعنی پہلے معرض وجود میں کون آیا۔

بہر حال بیانیہ اور افسانویت کے مابین تعلق در اصل تناسب کا ہے۔ بیانیہ کی دیگر شکلیں مثلاً تاریخ نویسی، وقائع نویسی، صحافتی خبریں، عین ممکن ہے کہ افسانویت کی حامل ہوں تاہم تناسب اسی قدر قلیل ہو گا کہ انھیں افسانہ نہیں کہا جاسکتا۔ سب سے بڑی بات تو یہ کہ ان میں زمانیت (Temporality) تو ہوسکتی ہے، دوچند زمانیت (Double Temporality) نہیں ہوسکتی۔ بہ الفاظ دیگر حد سے حد ان کی حیثیت فابلا کی ہوسکتی ہے یعنی افسانے کا خام مواد جس کے استعمال و ترتیب سے شوزے یعنی افسانے کو پیش کش کے طور پر سامنے لایا جائے۔ ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ فابلا کے بارے میں عام تصور یہ ہے کہ یہ تجریدی (Abstract) شکل میں موجود رہتا ہے تاہم جب حقیقی اور دستاویزی Real and documented واقعات پر مبنی افسانے پیش کیے جائیں تو ایسی حالت میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ لازمی نہیں کہ فابلا بہر حال تجریدی ہی ہو، یہ بالکل سامنے کی چیز بھی ہوسکتی ہے۔ Real and documented واقعات سے مراد تاریخ، وقائع نویسی، صحافتی خبروں پر مبنی واقعات ہیں۔ جیسے ہی واقعات کی زمانی ترتیب کو درہم برہم کیا جائے گا، زمانیت (Temporality) دوچند زمانیت (Double Temporality) میں تبدیل ہو جائے گی یعنی ایک ترتیب تو وہ جو گھڑی کی سوئی اور کلینڈر کی تاریخ کے ساتھ آئندہ کی طرف گامزن ہو گی، دوسری ترتیب وہ جو افسانے میں پیش کی جائے گی، جس میں عین ممکن ہے (لازمی نہیں ) کہ کہانی درمیان سے شروع ہو، پہلے ظہور پذیر واقعات بعد میں، بعد میں ظہور پذیر واقعات پہلے آئیں۔ یعنی واقعات کے ایک ہی مجموعے میں دوچند زمانیت ہو گی، ایک حقیقی اور دوسری پیش کردہ۔ یہ تو ہوئی بیانیہ اور افسانویت کے مابین تعلق کی بات۔ بیانیہ ان معنوں میں بھی لیا جاسکتا ہے جن کا افسانہ اورافسانویت سے دور دور تک کوئی علاقہ نہ ہو۔ مثلاً انگریزی میں کہا جاتا ہے Plato کا بیانیہ Fraud کا بیانیہ۔ بعض کے نزدیک ایسے میں بیانیے سے مراد علم برائے ترسیل ہے، واقعہ برائے ترسیل نہیں۔ واضح رہے کہ افسانویت کے لیے لازمی ہے کہ اس میں زمانیت ہو، بہتر ہے کہ دوچند زمانیت ہو اور متعلقہ واقعات کی زمانیت (دوچند) کے ساتھ ترسیل ہو۔

بیانیے کے بین العلومی تصور کی متعدد جہات ممکن ہیں تاہم ان کا افسانے اور افسانویت سے براہ راست کوئی علاقہ نہیں۔ دیکھنا تو ہے کہ دوچند زمانیت (Double Temporality) اور ترسیل تو قائم ہو گیا، کیا افسانویت بھی قائم ہو گئی؟ آئندہ گفتگو میں اس سوال کا جواب ڈھونڈنے کی سعی ہے۔

افسانویت: ایک معروضی پیمانے کی گنجایش:

E.M. Forster کے دو جملے افسانے اور پلاٹ کے حوالے سے ضرب الامثل کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔

King died then the queen died.

King died then the queen died of grief.

پہلا جملہ کہانی ہے جب کہ دوسرا جملہ پلاٹ ہے کیوں کہ مذکورہ جملے میں پہلے اور دوسرے واقعے کے درمیان علت و معلول کا رشتہ ہے۔

E۔M۔Forster کے مفروضے کو بنیاد بنا کر چند معاصرین نے ایک دلچسپ مکالمہ قائم کیا اور افسانویت اور اس کے قواعد و منطق پر زبردست گفتگو کی۔ شروعات تو Coldby اور Beaugrande نے کی۔ انھوں نے پلاٹ کو افسانویت کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے یہ کہا کہ یہ چنداں ضروری نہیں کہ دو واقعات میں پہلا واقعہ دوسرے واقعے کی لازمی وجہ ہو۔ ایسا نہیں بھی ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق مجموعۂ واقعات کا معاملہ مضمرات (Implications) پر منحصر کرتا ہے اور اس کی چار صورتیں ممکن ہیں۔

(1) پہلا واقعہ دوسرے واقعے کی ظہور پذیری کے لیے لازمی حالات پیدا کرے جیساکہ King died والے معاملے میں ثابت ہے۔

(2) پہلا واقعہ دوسرے واقعے کے لیے لازمی تو نہیں تاہم کافی (Not necessary but sufficient) حالات پیدا کر دیے۔

(3) پہلا واقعہ دوسرے واقعے کا سبب ہو یعنی کسی بھی منطقی فکر والے انسان کے لیے یہ مدلل ہو کہ وہ ایسا کرے (واضح رہے کہ ایسا کرنے سے یہ مراد نہیں کہ ایسا ہی کرے)۔

(4) ایسا نہیں کہ گذشتہ واقعات ہی آئندہ واقعات کے محرک ہوں، یہ بھی ممکن ہے کہ آئندہ واقعات گذشتہ واقعات کے مقاصد و محرکات کو خط کشید کریں یعنی بعد میں یہ پتا چلے کہ آیا پہلے ایسا کیوں ہوا تھا۔

آگے بڑھنے سے پہلے شاید یہ بتانا ضروری ہے کہ شمس الرحمن فاروقی نے اپنے افسانے "لاہور کا ایک واقعہ" میں ان امور پر اچھی خاصی گفتگو کی ہے۔ ملاحظہ ہو۔

"جب مجھے علت یعنی Cause اور سبب یعنی reason کا فرق معلوم ہوا تو میں نے یہ نتیجہ نکالا کہ لازماً ایسا نہیں کہ کسی چیز کی علت معلوم ہو جائے تو اس کا سبب بھی معلوم ہو جائے۔ مثلاً کسی شخص کا قتل ہو جائے اور لاش کا معائنہ کر کے ہم یہ نتیجہ نکالیں کہ وہ پستول کی گولی سے مرا ہے تو یہ محض علت قتل معلوم ہوئی۔ اس سے یہ کہاں معلوم ہوا کہ اس قتل کا سبب کیا ہے؟" (سوار اور دیگر افسانے- ص 341) فاروقی صاحب نے درج بالا چار نکات میں نکتہ نمبر (1) اور نکتہ نمبر (3) کے درمیان جو کنفیوژن پیدا ہوسکتا ہے، اسے دور کر دیا۔

دوسری بات یہ ہے کہ موجودہ گفتگو میں افسانویت مضمر ہے پلاٹ یا "پلاٹ نما" میں کیوں کہ تھیسس King died then the Queen died of grief کی توسیع محض ہے۔ تاہم یہ امر اہم ہے کہ پوری گفتگو میں افسانویت اپنے مختصر ترین خدوخال کے ساتھ ابھرتی ہے اور "بیانیہ" اور "افسانہ" کے درمیان دوچند زمانیت (Double Temporality) اور بیان (Narration) کی مماثلت کے باوجود جو مغائرت ہے، نہایت ہی خوش اسلوبی سے واضح ہو جاتی ہے۔ در اصل ہوتا یہ ہے کہ روز مرہ کی زندگی میں ہمارا واسطہ ایسی تحریروں سے ہوتا ہے جن میں دو زمانیت بھی ہوتی ہے اور ترسیل بھی، تاہم ان میں "افسانویت" نہیں ہوتی۔ مثلاً 22 مئی 2010 میں منگلور میں ایر انڈیا کا ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ ایک انگریزی اخبار نے لکھا:"22 مئی 2010 میں ایر انڈیا کا ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوا، ٹھیک ان ہی حالات میں ایر انڈیا کا ایک طیارہ پٹنہ میں حادثے کا شکار ہوا۔ "

Noel Carroll نے "افسانویت" سے مملو بیانیے (بیانیہ) کی حدود اربعہ کچھ اس طرح متعین کی ہے۔

"Narrative discourse is comprised of more than one event and/or state of affairs that are connected and are wont a unified object and perspicuously ordered in time."

یعنی (افسانویت سے مملو) بیانیائی پیش کش کم از کم ایک سے زیادہ واقعات پر مشتمل ہوتا ہے اور منسلکہ واقعات کا ایک مشترکہ موضوع ہوتا ہے ساتھ متذکرہ واقعات ایک زمانی تنظیم کے مبہم طور پر تابع ہوتے ہیں "۔

اب ذرا طیاروں کے حادثے کی رپورٹنگ دیکھی جائے۔

(1) واقعات ایک سے زیادہ ہیں۔

(2) ایک مشترکہ موضوع بھی ہے۔

تاہم کوئی واضح یا مبہم زمانی تنظیم نہیں ہے کیوں کہ جنھیں پٹنہ کے حادثے کا علم ہے، وہ تو زمانی تنظیم دریافت کر لیں گے لیکن جنھیں نہیں معلوم وہ تو یہ سمجھ لیں گے کہ پٹنہ کا واقعہ پہلے پیش آیا تھا اور منگلور کا حادثہ بعد میں۔ تھوڑا اور پیچھے جائیں اور یہ فرض کر لیں کے زمانی تنظیم (Temporal Ordering) موجود ہے تاہم

(1) کیا پہلا واقعہ دوسرے واقعے کی علت ہے؟

(2) کیا پہلا واقعہ دوسرے واقعے کا سبب ہے؟

(3) کیا پہلا واقعہ ایسے حالات پیدا کر دیتا ہے کہ دوسرا واقعہ ظہور پذیر ہو جائے؟

(4) کیا بعد کے واقعے سے پہلے واقعے کے مقاصد اور محرکات کا کوئی عندیہ ملتا ہے؟

اگر چاروں سوالوں کے جواب نفی میں ہیں تو یہ تو ضرور ہے کہ مذکورہ رپورٹنگ بیانیہ تو ہے تاہم اس میں افسانویت نہیں ہے۔ اگر یہ بیانیہ افسانہ نہیں تو کیا ہے؟ آپ چاہیں تو اسے Story form کہہ سکتے ہیں اردو میں "افسانہ نمبر" بھی کہہ سکتے ہیں۔ ویسے یہ وقائع نویسی (Chronicle) کے زمرے میں آئے گا جس کا عنوان ہو گا ہندوستان میں "فضائی حادثات"۔ جب تک یہ اخبار کی زینت بڑھائے گا اسے Annals کہیں گے۔

اب ذرا ایک اور مجموعۂ واقعات کو دیکھیں :

"ایک شخص چوری کی غرض سے زیور کی دوکان میں داخل ہوا اور باہر نکلتے ہی پکڑا گیا"۔

اس مجموعۂ واقعات میں "افسانویت" ہے یا نہیں ؟ چوری ہوئی یا نہیں اس کا عندیہ نہیں ملتا تاہم "چوری کی غرض سے دوکان میں داخل ہونا" ایسے حالات پیدا کر دیتا ہے کہ دوسرا واقعہ "باہر نکلتے ہی پکڑا جانا" ظہور پذیر ہو جاتا ہے۔ واضح رہے کہ پہلا واقعہ اپنے آپ میں لازمی نہیں J.L. Mackia اسے INUS حالات کہتا ہے یعنی :

Insufficient but Necessary Unnecessary but Sufficient.

یعنی "ناکافی تاہم ضروری غیر ضروری تاہم کافی۔"

ماقبل واقعات اپنے آپ میں کافی ہوں یا ضروری ہوں، یہ لازمی نہیں تاہم ان کی نوعیت اس قماش کی ہونی چاہیے کہ بعد میں آنے والے واقعات کی ظہور پذیری کے لیے ممکنہ (لازمی نہیں ) حالات پیدا کر دے۔

اس گفتگو سے "افسانویت کی منطق" کو بھی اخذ کیا جاسکتا ہے جو منطق کلام یعنی Discursive Reasoning سے الگ شناخت رکھتا ہے۔ مثلاً درج ذیل بیان (Narrations) پر غور کریں۔

1- "تمام انسان پابند مرگ ہیں سقراط بھی انسان تھا لہٰذا پابند مرگ تھا"۔

2- "سقراط ایک انسان تھا جس نے روایتی علوم پر سوالیہ نشان کھڑے کیے۔ اس پر کفر کا الزام لگا اور اسے زہر پینے پر مجبور کر دیا گیا لہٰذا وہ موت کا شکار ہو گیا۔"

دونوں Narrations میں ایک منطقی ربط ہے۔ آپ مجھ سے اتفاق کریں گے کہ دونوں Narrations کی منطق میں واضح فرق ہے۔ پہلے Narration میں سقراط کی موت کی وجہ اس کا انسان ہونا ہے جو کہ ایک لازمی شرط ہے۔ دوسرے Narration میں روایتی علوم پر سوالیہ نشان لگانا موت کی ایک وجہ تو ہو سکتی ہے لازمی شرط نہیں ہوسکتی۔ زیادہ سے زیادہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ سقراط کے زہر پینے کا واقعہ حقیقی زندگی سے مماثلت (Life Like) رکھتا ہے اور قابل یقین بھی ہے۔ واضح ہے کہ دونوں شرائط بہ یک وقت لازمی نہیں۔ اگر واقعات (Life Like) نہ بھی ہوں تاہم بیانیے کی داخلی صورت حال اسے قابل یقین بنانے میں کامیاب ہو جائے تو افسانویت کی منطق قائم ہو جائے گی۔

افسانویت : بیانیات سے پرے :

(Fictionality: Beyond Narratology)

اس مضمون میں تا حال "افسانویت" پر جتنی بھی گفتگو ہوئی ہے، بیانیہ کے حوالے سے ہوئی ہے یعنی مکالمے (Discourse) کا ڈانڈا کہیں نہ کہیں بیانیات (Narratology) سے جا کر مل جاتا ہے۔ تاہم Narratology ایک ایسا علومیہ ہے جس کی عمر ابھی پانچ دہائی سے بھی کم ہے جب کہ "افسانویت" پر گفتگو اور ادب پر گفتگو تاریخی اعتبار سے تقریباً متوازی چلتی ہے۔ وجہ بالکل واضح ہے۔ قدیم یونان میں خواندگی اور فکشن کا آغاز اور ارتقائی سفر کی ابتدا ہم وقت (Synchronic) ہے۔ یعنی عہد عتیق سے لے کر 1960 کے آس پاس (Narratolgy کی ابتدا) تک افسانویت کا جو بھی تناظر ہے اس کا Narratology سے کوئی علاقہ نہیں۔ دوسری سب سے اہم بات یہ ہے کہ بیانیات (Narratology) میں "افسانویت"کے لیے Fictionality کا نہیں بلکہ Narraticity کا استعمال ہوتا ہے۔

"افسانویت" کی شعریات پر گفتگو تاریخی حوالوں سے ہوسکتی ہے اور واقعتاً ہوئی بھی ہے۔ تاہم اسے آئندہ کے لیے چھوڑا جاسکتا ہے۔ موجودہ گفتگو "افسانویت" پر بیانیات (Narratology) کے حوالے سے رد و قبول کے امکانات پر مرکوز ہے۔

واقعہ یوں ہے کہ Kate Hamburger نے 1957 میں جرمن میں ایک کتاب لکھی "Die logiks der Dirhtoig" کے نام سے۔ اس کتاب کا فرنچ ترجمہ Logique dos genres litteraires کے نام سے ہوا۔ ایک انگریزی ترجمہ بھی موجود ہے جس کا نام "The logic of literature" ہے۔ کتاب میں دیگر باتوں کے علاوہ دو اہم نکات ہیں۔ پہلا نکتہ تو یہ ہے کہ کیا ادب کی مختصر ترین وضاحت (تعریف نہیں ) ممکن ہے۔ دوسرا نکتہ یہ ہے کہ Narratology کس طرح "افسانویت" کا احاطہ کرنے سے قاصر ہے۔ پہلا نکتہ زیادہ اہم ہے لیکن اس پر گفتگو آئندہ ہے۔ پہلے تو یہ دیکھا جائے کہ Narratology کی ناکامی سے کیا مراد ہے۔

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، بیانیات (Narratology) کا تعلق بیانیے (Narrative) سے ہے۔ جہاں بیانیہ ہو گا بیان کنندہ بھی ہو گا۔ یہاں Narratology کے لیے اردو اصطلاح "راوی" مناسب نہیں کیوں کہ تناظر میں Narratology - Narrative - Narrator یعنی بیانیات - بیانیہ- بیان کنندہ زیادہ مناسب ہے۔

از روئے بیانیات اگر بیانیہ ہے تو اسی حوالے سے ایک بیان کنندہ (Narrator) کی موجودگی نظری طور پر لازمی ہے۔ اگر وہ متن کا کردار ہے، تو اس کی نظری موجودگی داخل در متن (Homodiegetic) ہے اور اسے آپ واحد متکلم بیان کنندہ کہہ سکتے ہیں۔ اسی طرح اگر وہ خارج از متن ہو تو اس کو Heterodiegetic کہیں گے۔ اسے عام طور پر غائب راوی کہتے ہیں۔ Kate Hamburger اس مظہر (Phenomenon) کو نہیں مانتی ہیں۔ ان کے نزدیک واقعات اور ان کے بیان کی حیثیت "اصل میں دونوں ایک ہیں " کی ہے۔ بیان کسی اصل یا نظری بیان کنندہ کا تابع نہیں بلکہ اس کی نمو پذیری از خود ہے کیوں کہ یہ بیانیہ میں ہی مضمر ہے۔ بہ الفاظ دیگر افسانویت قائم کرنے کے لیے کسی نظری راوی یا بیان کنندہ کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔ افسانہ اپنا بیان کنندہ آپ ہے۔ اسے کسی داخلی یا خارجی راوی / بیان کنندہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ افسانہ اور افسانے کا بیان ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں۔

دوسری اہم بات یہ ہے کہ واحد متکلم بیان کنندہ "افسانویت" قائم نہیں کرسکتا۔ اس موضوع پر نظری مباحث آتے ہیں۔ Kate Hamburger نے بیانیات کی بنیاد پر ہی کاری ضرب لگا دی، کیوں کہ اس کے نظری مباحث یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہیں کہ Narratology کی نوعیت ایک علومیے کی ہے جو صرف اور صرف سطحی بحث کرتا ہے جب کہ بیانیے میں "افسانویت" اس کی عمیق ساخت (Deep Structure) میں مضمر ہے نہ کہ سطحی ساخت (Superficial Structure) پر۔ حالاں کہ Kate Hamburger بیان کنندہ کی نہیں بلکہ اظہار کنندہ کی بات کرتی ہیں تاہم جب وہ اظہار کنندہ پر مباحثہ قائم کرتی ہیں تو واقعی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ Narratology ایک سطحی علومیہ ہے۔

اتفاق یہ ہے کہ Kate Hemburger کے نظریاتی مباحث کی بنیاد "تکلم" ہے جو کہ اس مضمون کے عنوان کا ابتدائی جز بھی ہے۔ Kate Hamburger کے رویے کو ہم نیم لسانی کہہ سکتے ہیں، حالاں کہ کہنے والے نے اسے مکمل لسانی بھی کہا ہے۔ میں نیم لسانی اس لیے کہتا ہوں کہ پورے تناظر میں لسان کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔ جیساکہ پہلے بھی کہا جاچکا ہے، بات "تکلم" سے شروع ہوتی ہے۔ انگریزی زبان میں آپ اسے Utterance کہہ سکتے ہیں۔ پورے تناظر کو چند سوالات کے ذریعے روشن کیا جاسکتا ہے۔وہ سوالات کچھ یوں ہیں :

1- کیا وہ لسانی اظہار جو ادب پیدا کرتا ہے، حقیقی زندگی کی سوچ اور ترسیل کے اظہار سے عملی طور پر مختلف ہوتا ہے۔

2- پہلے سوال کا جواب اگر اثبات میں ہے تو یہ مغائرت کی حد کیا ہے؟

جرمن زبان میں نظم / شاعری کو Dichtung کہا جاتا ہے، لیکن Kate Dichtung Hamburger کو خالص ادب کے معنوں میں لیتی ہیں اور ان کے نزدیک "افسانہ" ہی خالص ادب کا نمائندہ مظہر ہے۔ لہٰذا اس ڈسکورس میں Dichtung سے مراد افسانہ ہے۔

سوالات پر لوٹتے ہوئے۔ یہ صحیح ہے کہ وہ تکلم (Utterance) جو ادب کی نمائندگی کرتا ہے، حقیقی زندگی کے تکلم (Real life utterance) سے مختلف ہوتا ہے۔ جب اس کے حدود اربعہ کو متعین کیا جائے گا تو واقعی ایسا محسوس ہو گا ؎ مگر فکشن کا ہے انداز بیاں کچھ اور۔

تکلم حقیقی کا انداز بیان کچھ ایسا ہوتا ہے کہ اس میں "افسانویت" نہیں ہوسکتی مثلاً صیغہ واحد حاضر متکلم "میں " جسے آپ "I origo" کہہ سکتے ہیں "تکلم حقیقی" کے زمرے میں آئے گا۔ لہٰذا چوں کہ یہ تکلم حقیقی ہے، "افسانویت" سے عاری ہے۔

در اصل لسان ایک نظام تکلم (Utterance System) ہے جو کہ "اظہار کنندہ" (Utterance Subject) اور "موضوع تکلم' ' (Utterance Object) کے باہمی تعلق پر مبنی ہوتا ہے۔ اظہار کنندہ / موضوع تکلم کا معاملہ کوئی ترسیلی مکالمہ نہیں بلکہ لسانی ساخت کی اصل میں پنہاں ہے۔ فکشن کے حوالے سے یہ تعلق (اظہار کنندہ اور موضوع تکلم کے مابین) صیغہ واحد حاضر متکلم (I - Producer of Communication) سے الگ حیثیت رکھتا ہے کیوں کہ صیغہ واحد متکلم حقیقی اظہار (Reality Statements) کا موجب ہوتا ہے اس لیے افسانوی تکلم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا تاریخ نویسی، وقائع نویسی، صحافتی خبریں یہاں تک نثری مضامین، افسانویت پیدا نہیں کرسکتے کیوں کہ ان اظہارات (Statements) کے پس پشت کوئی نہ کوئی حقیقی صیغہ واحد متکلم موجود ہوتا ہے۔ Kate Hamburger کے نظریے کے مطابق کیوں کہ واحد متکلم راوی کی موجودگی سے حقیقی اظہار Reality Statement کا شائبہ پیدا ہوسکتا ہے لہٰذا خالص ادب (اسے افسانہ پڑھیں ) نہیں پیدا کرسکتا۔ اس موقف کا منطقی طول یہ ہو گا کہ اگر کسی افسانے میں راوی بہ حیثیت صیغہ واحد حاضر متکلم ہو تب بھی مذکورہ افسانہ "افسانویت" سے عاری کہا جائے گا۔

بعد اس تمہید کے یہ دیکھا جائے کہ "افسانویت" سے مملو اظہار حقیقی زندگی کی سوچ اور اظہار سے کس طرح مختلف ہے اور اس مغائرت کے حدود کیا ہیں۔ دیکھنے کی بات یہ بھی ہے "افسانویت" کی تشکیل معاملہ اخذ شدہ نتائج پر مبنی ہے یا اپنے آپ میں ایک معروضی سچائی (Self evident and assertoric) ہے۔

جیسا کہ پہلے کہا جاچکا ہے "افسانہ" ہی وہ ادبی اظہار ہے جو اظہار حقیقی (Real life statements) سے قطعی مختلف ہوتا ہے اور اس خصوصیت کو ہم "افسانویت" سے تعبیر کرسکتے ہیں۔

لسانی اظہار کی کئی قسمیں ہوسکتی ہیں جن کی ظہور پذیری حقیقی زندگی میں ناممکن ہے۔ لسانی اظہار کی یہ تمام قسمیں صرف ان صورتوں میں ممکن ہیں جہاں بیان کنندہ صیغہ واحد غائب ہے

اولین صورت تو یہ ہے کہ افسانے کا اظہار کنندہ (صیغہ واحد غائب بیان کنندہ) کرداروں کی داخلی حرکیت (Internal Dynamics) مثلاً "سوچ رہا تھا" اس کو "یقین تھا" "اسے امید تھی" کا بیان کرتا ہے اور دھڑلّے سے کرتا ہے۔ حقیقی زندگی میں صرف اور صرف حاضر متکلم اپنی داخلی حرکیت کا اظہار کرسکتا ہے۔

دوسری شکل پہلی شکل کی ہی منطقی طول ہے۔ آزاد تلازمۂ خیال جسے عدم ربط بھی کہا جاسکتا ہے اور داخلی مونو لاگ کا ذکر صرف افسانوں میں ممکن ہے۔ حقیقی زندگی میں انسان صرف سوچ کر رہ جاتا ہے، یا خود کلامی کا مرتکب ہوتا ہے، مذکورہ کیفیات ضابطۂ اظہار میں نہیں آتے۔ کوئی دوسرا شخص کسی اور کے بارے میں یہ تو کہہ سکتا ہے کہ آخر وہ کر کیا رہا ہے، تاہم یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس کی داخلی کیفیات (عدم ربط اور خود کلامی) کیا ہیں۔ ایسا صرف افسانوں میں ممکن ہے۔

چند افعال ایسے ہوتے ہیں جن کا مخصوص مکانی تناظر ہوتا ہے، جنھیں ہم Situational verb کہہ سکتے ہیں جیسے جاگنا، جانا، بیٹھنا، اٹھنا، مخلل رات گذارنا وغیرہ۔ حقیقی زندگی میں ان کا زمانی تناظر یا تو موجودہ ہوتا ہے یا ماضی قریب ہوتا ہے۔ صرف افسانوں میں ان کا تعلق ماضی بعید از بعید سے بھی ہوسکتا ہے۔ مثلاً درج ذیل جملہ :

"1947 کے 20 دسمبر کی یخ بستہ صبح تھی، چاروں طرف دھند چھائی ہوئی تھی۔ رمیش نے اپنی گاڑی گیراج سے نکالی اور اسٹیشن کی طرف چل پڑا۔ "

زیادہ غور و فکر کی چنداں ضرورت نہیں۔ واقعتاً حقیقی زندگی میں آج/ کل/ پرسوں کے حوالے سے ایسی گفتگو تو ہوسکتی ہے تاہم چھپن برس پرانے حوالے سے نہیں۔ "تکلم حقیقی" اور "افسانوی تکلم" کے مابین یہ نہایت ہی نمایاں اور واضح فرق ہے۔ یہ اجمال اپنی تفصیل آپ ہے۔ مزید وضاحت لایعنی ہو گی یا ایک ہی منطق کی تکرارِ مسلسل۔ تکلم حقیقی (Real life Utterance) اور افسانوی تکلم کے درمیان چوتھا فرق ڈائیلاگ کا ہے۔ حقیقی زندگی میں ڈائیلاگ صرف حقیقی کرداروں (زندہ اور واقعی) کے درمیان ہوتا ہے۔ جب کبھی بھی ان کا ذکر تکلم حقیقی کے ذریعہ ہو گا، خلاصے پر مبنی ہو گا مثلاً "الف اور با کے درمیان زبردست بحث و تکرار ہوئی" یا "الف نے با کو لا جواب کردیا"۔ حقیقی تکلم میں ٹیپ رکارڈر سے ڈائیلاگ ری پلے (Dialogue Replay) نہیں ہوتے۔ ایسا صرف افسانوی تکلم میں ہوتا ہے :

"الف نے با کو کہا …… (مکمل جملہ یا مجموعۂ تکلم)

"با نے الف کو کہا …… (مکمل جملہ یا مجموعۂ تکلم)"

تکلم حقیقی اور افسانوی تکلم کے مابین پانچویں فرق میں چند اصطلاحات ایسے ہیں جن کی وضاحت فرق کو خط کشید کرنے سے پہلے بے حد ضروری ہے۔

Deixis یعنی اسم اشارہ۔ لسانیات میں Deixis سے مراد ایسے الفاظ ہیں جن کے لغوی معانی تو ہوں ہی ساتھ ہی ساتھ چند تناظری (Contextual) معانی بھی ہوں یعنی بدلتے تناظر کے ساتھ معانی بھی بدل جائیں۔ Deixis کی مختلف جہات ہوتی ہیں تاہم افسانویت کے حوالے سے صرف دو جہات مفید مطلب ہیں۔ مکانی Deixis اور زمانی Deixis۔ مکانی Deixis کو انگریزی میں Spatial Deixis بھی کہتے ہیں۔ کسی بھی تکلم کا مکانی حوالہ یا تو مخاطب (طاء مضموم) کا ہو گا یا مخاطب (طاء مفتوح) کا ہو گا۔ مثلاً "یہاں " "وہاں "، "یہ" "وہ" وغیرہ وغیرہ۔ جیسے:

میں اس شہر میں رہنا پسند کرتا ہوں۔

وہ وہاں بیٹھی ہوئی تھی۔

عام طور پر حوالہ مخاطب (Addressor) کاہی ہوتا ہے۔ جیسے :

دوکان گلی کے اس پار ہے۔

بات ظاہر ہے مخاطب (Addressor) گلی کی ایک طرف موجود ہے اور دوکان دوسری طرف۔ اگر وہی بولنے والا گلی پار کر جائے تو بولے گا :

دوکان بغل میں ہے۔

دوکان تو اپنی جگہ جامد و ساکت ہے لیکن اس کی جائے وقوع مخاطب (Addressor) کے حوالے سے تبدیل ہوتی رہتی ہے۔

زمانی Deixis جسے Temporal Deixis بھی کہتے ہیں۔ اس کی آسان ترین مثال کل (Tomorrow) ہے۔ اس کل سے مراد موجودہ دن کا آئندہ (Next day) ہوتا ہے۔ یہ کل (Tomorrow) اگر ایک برس پہلے کا ہے تو آئندہ ہفتے کے کل (Tomorrow) سے مختلف ہو گا۔ لفظ ایک ہی ہے تاہم مخاطب (Addressor) یا مخاطب (Addressee) کے حوالے سے مختلف زمانی تناظر کو Denote کرے گا۔

اسی طرح Preterite اور Pluperfect ہے۔ Preterite سے مراد فعل ماضی قریب ہے جیسے "میں کل بازار گیا"۔ Pluperfect سے مراد فعل ماضی بعید ہے جس کا تعین کسی گزر چکے واقعے کے حوالے سے ہو گا۔ مثلاً وہ سویرے اٹھا تھا اور معمول سے پہلے ہی ٹہلنے نکل گیا تھا"۔ ان وضاحتوں کے بعد یہ عرض کرنا ہے کہ "حقیقی تکلم" اور "افسانوی تکلم" میں ان کا اظہار بالکل الگ الگ صورت حال کی غمازی کرے گا۔

افسانوی اظہار میں مکانی Deixis کا کوئی رول نہیں جب کہ حقیقی تکلم میں بے حد ضروری ہے۔ افسانوی تکلم میں مکانی تناظر تو کردار کا ہوتا ہے اس کا مصنف یا قاری کی جائے وقوع سے کوئی علاقہ نہیں۔ زمانی Dexis افسانوی تکلم میں حقیقی اظہار کے مقابلے میں تقریباً منہدم ہو جاتا ہے۔ حقیقی اظہار میں اگر کوئی "آج کل (گذشتہ) اور کل (آئندہ) کہے تو ان کے معانی لغوی حدود میں مقید رہیں گے۔ تاہم افسانوی تکلم میں نہایت آسانی سے آئندہ کل، گذشتہ کل میں اور دونوں کل آج میں مضمر ہوسکتے ہیں اور واقعتاً ہوتے بھی ہیں۔ وجہ ظاہر ہے۔ افسانوی تکلم میں یہ الفاظ مختلف صورت حال denote کریں گے جن کا تعین افسانوی کردار کریں گے جن کا مصنف یا قاری سے کوئی علاقہ نہیں ہو گا۔

چھٹا اور آخری فرق در اصل پانچویں فرق میں ہی مضمر ہے۔ "تکلّم حقیقی" میں فعل ماضی قریب اور فعل ماضی بعید کا علاقہ بہر حال ماضی سے ہوتا ہے۔ تاہم "افسانوی تکلم" یہ اس وقت واقع ہوتے ہیں جب انھیں پڑھا یا سنا جا رہا ہوتا ہے۔ ایسے میں ان کا تناظر "Here and now" کا ہو جاتا ہے اور ان کا ماضی پن (Pastness) جاتا رہتا ہے۔

مذکورہ گفتگو کے متعدد مفید مطلب جہات و مضمرات ہیں۔ پہلے مثبت مضمرات کی بات کی جائے۔

غالباً پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ "افسانویت کو مختصر ترین (Irreducible) حدود میں مقید کر دیا گیا ہے۔ کوئی شخص کسی فن پارے کو پڑھ کر یہ نتیجہ اخذ کرسکتا ہے کہ آیا اس میں مکمل طور پر "افسانویت" موجود ہے یا نہیں۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ راوی یا بیان کنندہ کی شناخت ماورائے متن نہیں بلکہ متن میں ہی مضمر ہے۔ تیسری اہم بات یہ ہے کہ راوی یا بیان کنندہ کسی مافوق الفطرت ہستی کی طرح نہیں ابھرتا ہے، بلکہ اگر "افسانویت" ہے تو اس کی نمو پذیری از خود (Self engendering) ہو گی۔ آخری مگر سب سے اہم بات تو یہ ہے کہ Kate Hamburger بیانیات کے ہمہ وقت وسعت پذیر دائرۂ کار (Scope) پر بہ خوبی قدغن لگانے میں کامیاب ہیں۔

بچپن میں ایک با تصویر کہانی پڑھی تھی۔ کسی چوہے کو کہیں سے ایک دستانہ مل گیا اور اس نے اس دستانے میں اپنا گھر بنا لیا۔ بعد از آں یہ ہوا کہ بغل سے گزرنے والے تقریباً تمام جانور اسی دستانے میں داخل ہو گئے اور چوہے کے شریک خانہ (شریک حیات نہیں ) قرار پائے۔ بیانیات (Narratology) کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے۔ابتدا کہانی (Story) یا فابلا اور پیش کش (Discourse) یا یعنی Schyuzet شوزے سے ہوئی۔ بعد میں اس میں تاریخ، فلسفہ، موقف اور پتا نہیں کیا کیا الّم غلّم داخل ہو گئے اور کہانی اور پیش کش حاشیے پر چلی گئیں۔ Kate Hamburger نے "افسانویت " کے حوالے سے بیانیات کی افادیت پر ہی سوالیہ نشان لگا دیا اور بیانیات کے بابا آدم Gerard Genette کو یہ کہنے پر مجبور کر دیا:

(The book) in the details and steps of its analysis is terribly convincing.

تاہم اس نظریے کے Limitations بھی ہیں۔ اگر خالص ادب افسانہ ہے تو نظم کے حوالے سے جو اصناف ہیں ان کا کیا ہو گا۔ Kate Hamburger نے کوشش ضرور کی ہے تاہم بات کچھ بنتی نہیں نظر آتی۔ چوں کہ گفتگو کا فوکس "افسانویت" پر ہے اس لیے "افسانویت" کے پرے جانا مناسب نہیں معلوم ہوتا۔ Kate Hamburger متکلم راوی (I - origo) کو تکلم حقیقی کا نمائندہ مانتے ہوئے "افسانویت" کے دائرے سے خارج مانتی ہیں اور اس حساب سے تو منٹو، چیخوف، دوستو فسکی کے ڈھیروں افسانے "افسانویت" سے عاری قرار پائیں گے۔ ظاہر ہے یہ صورت حال کسی کے لیے بھی قابل قبول نہیں ہو گی۔ مزید برآں، دو مقبول ترین اصناف ڈراما اور فیچر فلم افسانویت سے عاری قرار پائیں گے کیوں کہ ان میں اولین دو خصوصیات داخلی مونولاگ اور عدم ربط اور داخلی حرکیت (میں سوچ رہا تھا، مجھے امید ہے) موجود نہیں۔ واضح رہے کہ Kate Hamburger کے مطابق "افسانویت" سے مملو فن پارے میں چھ کی چھ خصوصیات کا ہونا لازمی ہے جب کہ ڈرامے اور فیچر فلموں میں دو اہم خصوصیات کا ہونا لازمی ہے جب کہ ڈرامے اور فیچر فلموں میں دو دو اہم خصوصیات موجود نہیں۔ افسانے پر ارسطو کے حوالے سے جب بھی گفتگو ہوتی ہے Mimeses کے حوالے سے ہوتی ہے جس میں اس ناچیز کے خیال میں داخلی مونولاگ اور عدم ربط (Free Association) اور داخلی حرکیت کی کوئی گنجایش نہیں۔

بات مکمل کرنے سے پہلے ایک بات کا ذکر بہت ضروری ہے۔ اس گفتگو کو "افسانویت" کے حوالے سے نہ تو بوطیقائی، نہ ہی ریطو ریقائی مکالمہ سمجھنا چاہیے۔ "افسانویت" کی بوطیقا پر گفتگو آئندہ کے لیے ملتوی سمجھی جائے۔ اگر اللہ نے وسائل و وقت مہیا کر دیا تو عین ممکن ہے کہ "افسانویت" کی بوطیقا پر بھی گفتگو ہو جائے۔

٭ ٭ ٭

٭٭٭
ماخذ:
http://esbaatpublications.com/esbaatmag/2011/11/takallum-bayania-afsanoit
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

تکلم، بیانیہ اور افسانویت