افسانے، ناول و کہانیاں

ٹوٹی چھت کا مکان

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (61,160 الفاظ)

ٹوٹی چھت کا مکان

ایم مبین

گردش

بیل بجانے پر حسبِ معمول بیوی نے ہی دروازہ کھولا۔ اس نے اپنی تیز نظریں بیوی کے چہرے پر مرکوز کر دیں جیسے وہ بیوی کے چہرے سے آج پیش آنے والے کسی غیر معمولی واقعہ کو پڑھنے کی کوشش کر رہا ہو۔
بیوی کا چہرہ سپاٹ تھا۔ اس نے ایک گہری سانس لی اسے محسوس ہوا کہ جیسے اس کے دل کا ایک بہت بڑا بوجھ ہلکا ہو گیا ہے۔
بیوی کے چہرے کا سکوت اس بات کی گواہی دے رہا تھا کہ آج ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جو تشویش ناک ہو یا جو اس کے دل کے ان خدشات کو صحیح ثابت کر دے جن کے بارے میں وہ راستے بھر سوچتا آیا تھا۔ اتنے دنوں میں وہ بیوی کے چہرے کی کتاب پڑھنا اچھی طرح سیکھ گیا تھا، بیوی کے چہرے کے تاثرات سے وہ اندازہ لگا لیتا تھا کہ آج کس قسم کا واقعہ پیش آیا ہو گااس سے پہلے کہ بیوی اس واقعہ کے بارے میں اسے بتائے وہ خود کو نفسیاتی طور پراس واقعہ کو جاننے کے بعد خود پر ہونے والے ردِّ عمل کے لئے تیار کر لیتا تھا۔
اپنا سر جھٹک کر ا س نے اپنی قمیض اتار کر بیوی کی طرف بڑھا دی اور بیوی کے ہاتھ سے لنگی لے کر اسے کمر کے گرد لپیٹ کر اپنی پتلون اتارنے لگا۔ پھر واش بیسن کے پاس جا کر اس نے ٹھنڈے ٹھنڈے پانی کے چھینٹے اپنے چہرے پر مارے ان چھینٹوں کے چہرے سے ٹکراتے ہی اس کے سارے جسم میں فرحت کا ایک جھونکا سا سرایت کر گیا۔ پھر وہ دھیرے دھیرے منہ ہاتھ دھونے لگا۔
تولیہ سے منھ ہاتھ پونچھتا وہ اپنی کرسی پر آ بیٹھا اور بیوی سے پوچھنے لگا۔ " گڈو کہاں ہے ؟ "
" شاید ٹیوشن کے لئے گیا ہے۔ " بیوی نے جواب دیا۔
" جھوٹ بولتا ہے وہ " بیوی کی بات سنتے ہی وہ پھٹ پڑا۔ " وہ ٹیوشن کا بہانہ کر کے اِدھر اُدھر آوارہ گردی کرتا پھرتا ہے ، ابھی راستے میں ، میں اسے کیپٹول کے پاس اس کے دوچار آوارہ دوستوں کے ساتھ دیکھ چکا ہوں ، اس کی ٹیوشن کلاس ناز کے پاس ہے ، وہ کیپٹول کے پاس کس طرح پہنچ گیا ؟ "
" ہو سکتا ہے ٹیوشن جلدی چھوٹ گئی ہو اور وہ دوستوں کے ساتھ گھومنے نکل گیا ہو۔ " بیوی نے بیٹے کی طرف داری کی۔
" اگر ٹیوشن کلاس سے جلدی چھٹی ہو گئی تو اسے گھر آنا چاہئے تھا ، دوستوں کے ساتھ آوارہ گردی کرنے کے لئے جانا نہیں چاہیئے تھا ، میں تو کہتا ہوں کہ اس کی ٹیوشن سراسر فراڈ ہے ، ٹیوشن کے بہانے وہ آوارہ گردی کرتا ہو گا اور ٹیوشن کی فیس دوستوں کے ساتھ اڑا دیتا ہو گا۔ "
" اگر بیٹے پر بھروسہ نہیں ہے تو خود کسی دن ٹیوشن کلاس میں جا کر پتہ کیوں نہیں لگا لیتے؟" بیوی نے تیز لہجے میں کہا تو اس نے موضوع بدلا۔
" منی کہاں ہے۔ ؟ "
" اپنی ایک سہیلی کے ساتھ شاپنگ کے لئے گئی ہے۔ "
" اس لڑکی کا باہر نکلنا اب کم کر دو۔ اب وہ چھوٹی بچی نہیں رہی ، بڑی ہو گئی ہے۔ سویرے جب میں ڈیوٹی پر جارہا تھا تو وہ کھڑکی میں کھڑی برش کر رہی تھی اور نیچے دو تین لڑکے اسے دیکھ کر مسکرا رہے تھے ، بھّدے ریمارکس پاس کر رہے تھے۔ یہ محلہ شریفوں کے رہنے کے لائق ہی نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ " وہ بڑبڑانے لگا۔
" چلو کھانا کھالو۔ " بیوی نے اس کا موڈ بدلنے کے لئے موضوع بدلنے کی کوشش کی۔
" ارے ہاں چھوٹا کہاں ہے دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ "
" اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلنے گیا ہے۔ "
" کہاں کھیلنے گیا ہو گا ؟ " وہ جھنجلا کر بولا۔ " بچوں کے کھیلنے کے لائق کوئی جگہ بھی تو نہیں بچی ہے ، چاروں طرف کانکریٹ کا جنگل آباد ہو گیا ہے۔ تمہیں معلوم ہے کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے آزاد میدان جاتا ہے۔ ؟"
" رات کے آٹھ بج رہے ہیں ، آزاد میدان میں سات بجے اندھیرا ہو جاتا ہے کیا وہ اب تک فلڈ لائٹ میں کرکٹ کھیل رہا ہو گا۔ ؟ "
" دیکھو تم بچوں کو آنے جانے کے لئے بس یا ٹیکسی کا کرایہ تو نہیں دیتے ہو تو ظاہر سی بات ہے کہ آزاد میدان سے وہ پیدل ہی آ رہا ہو گا اور آزاد میدان کوئی اتنے قریب نہیں ہے کہ پانچ دس منٹ میں کوئی گھر آ جائے۔ "
" سلطانہ ! میں تم سے بار بار کہتا ہوں کہ میں جب گھر آؤں تو مجھے بچے گھر میں دکھائی دینے چاہئے لیکن تم میری اس بات کو سنجیدگی سے لیتی ہی نہیں ہو ، آخر تمہارے دل میں کیا ہے ، تم کیا چاہتی ہو ؟ "
" دیکھو ! تم اگر بچوں کے باپ ہو تو میں بھی بچوں کی ماں ہوں ، تم سے زیادہ مجھے بچوں کی فکر رہتی ہے مجھے پتہ ہے اس شہر اور ہمارے اطراف کا ماحول اس قابل نہیں ہے کہ بچے زیادہ دیر گھر سے باہر رہنے پر بھی محفوظ رہیں لیکن کیا کروں بچے کوئی نہ کوئی ایسا کام بتا دیتے ہیں کہ مجبوراً مجھے انہیں باہر جانے کی اجازت دینی ہی پڑتی ہے۔ " بیوی نے جواب دیا۔ " اب یہ بے کار کی باتیں چھوڑو اور کھانا کھالو ، پتہ نہیں دوپہر میں کب کھانا کھایا ہو گا ؟ "
" ٹھیک ہے نکالو۔ " اس نے بھی ہتھیار ڈال دئے۔
وہ بظاہر اطمینان سے کھانا کھا رہا تھا لیکن اس کا سارا دھیان بچوں میں لگا ہوا تھا۔ یہ گڈو اپنے دوستوں کے ساتھ اتنی دیر تک پتا نہیں کیا کیا کرتا پھرتا ہے منی اپنی سہیلی کے ساتھ شاپنگ کرنے گئی ہے ابھی تک واپس کیوں نہیں آئی ؟ اسے اتنی رات گئے تک گھر سے باہر نہیں رہنا چاہیئے اور یہ چھوٹے کو کرکٹ کا جنون سا ہے اب کرکٹ کھیلنے کے لئے دو تین کلو میٹر دور آزاد میدان میں اور وہ بھی پیدل جانے میں کوئی تُک ہے ؟
جب وہ گھر سے باہر ڈیوٹی پر ہوتا تھا تو بھی ایک لمحہ کے لئے گھر اور بچوں کا خیال اس کے ذہن سے جدا نہیں ہو پاتا تھا۔ گھر آنے کے بعد بھی اسے اس اذیت سے نجات نہیں مل پاتی تھی۔ اگر بچے گھر میں اس کی نظروں کے سامنے بھی ہوتے تو وہ انہی کے بارے میں سوچا کرتا تھا۔
گڈو پڑھنے لکھنے میں کافی اچھا ہے ، کافی ذہین ہے۔ بارہویں پاس کر لے تو کوئی اچھی لائن میں ڈالا جا سکتا ہے ، ڈاکٹر بنانے کی استطاعت تو اس میں نہیں ہے ، ہاں کسی پالی ٹیکنک میں بھی داخلہ مل جائے تو وہ اسے پڑھا سکتا ہے۔ منی کی تعلیم کا سلسلہ ختم کر دینا اس کی مرضی کے خلاف تھا لیکن اس کے علاوہ کوئی راستہ بھی نہیں تھا ، تیسری مرتبہ وہ میٹرک میں فیل ہوئی تھی پڑھنے لکھنے میں وہ یوں ہی ہے۔ ہاں خوبصورتی میں وہ ماں سے بڑھ کر ہے اس کی شادی کی عمر ہے وہ جلد سے جلد اس کی شادی کر کے ایک بڑے فرض سے سبکدوش بھی ہونا چاہتا ہے لیکن کیا کریں منی کے لئے کوئی اچھا لڑکا ملتا ہی نہیں۔ ایک دو رشتے آئے بھی لیکن نہ تو وہ منیّ کے معیار کے تھے نہ برابری کے اس لئے اس نے انکار کر دیا۔
چھوٹا پڑھنے میں تیز تھا لیکن کرکٹ۔ ۔ ۔ اُف ! یہ کرکٹ اسے برباد کر کے رکھ دے گا۔ جہاں تک سلطانہ کا سوال تھا دن بھر گھر کے کام خود اکیلی کرتی تھی۔ گھر کے سارے کام ، بچوں کے کام اس کے بعد ایمبرائیڈری مشین پر بیٹھ جاتی تھی تو کبھی کبھی رات کے دو بج جاتے تھے۔
وہ اسے سمجھاتا تھا۔ اسے دو بجے رات تک آنکھیں پھوڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ اتنا کما لیتا ہے کہ ان کا گزر ہو جائے لیکن وہ بھڑک کر جواب دیتی۔
" تمہاری عقل پر تو پردہ پڑا ہوا ہے۔ اگر میں تھوڑی محنت کر کے دو پیسے کما لیتی ہوں تو اس میں برائی کیا ہے ؟ گھر میں جوان بیٹی ہے میں اس کے لئے پیسے جمع کر رہی ہوں۔ بیٹی کی شادی کو معمولی کام مت سمجھو شادی تو ایک ایسا کاج ہے جس کے لئے سمندر کے پانی جیسی فراخی بھی کم پڑے۔ "
آفس میں کام کرتے ہوئے وہ سب سے زیادہ سلطانہ کے بارے میں سوچتا تھا۔ گھر میں اکیلی ہو گی اس نے دروازہ تو بند کر رکھا ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یا پھر کسی اجنبی کی دستک پر دروازہ کھول کر مصیبت میں پھنس جائے گی۔
ایک دن پولس ایک مجرم کا تعاقب کرتی ان کے محلے تک آ گئی تھی۔ مجرم پناہ لینے کے لئے ان کی بلڈنگ میں گھس گیا۔ اس نے ان کے گھر پر دستک دی اور بے خیالی میں سلطانہ نے دروازہ کھول دیا۔ اس مجرم نے فوراً چاقو نکال کر اس کے نرخرے پر رکھ دیا اور اسے دھمکاتا گھر میں گھس گیا۔
" خاموش ! اگر زبان سے ذرا سی آواز بھی نکلی تو گلا کٹ جائے گا۔ "
وہ بہت دیر تک سلطانہ کا منھ دبائے اس کے گلے پر چاقو لگائے گھر میں چھپا رہا تھا۔ پولس ساری بلڈنگ میں اسے ڈھونڈتی رہی تھی۔ سلطانہ ایک دو بار مچلی تو تیز چاقو اس کے جسم سے لگ گیا اور جسم پر ایک دو جگہ زخم ہو گئے جن سے خون بہنے لگا۔ بعد میں جب اس بدمعاش کو محسوس ہوا کہ پولس جاچکی ہے تو وہ سلطانہ کو چھوڑ کر بھاگا۔ اسی وقت سلطانہ نے چیخنا شروع کر دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سلطانہ کی چیخیں سن کر نیچے سے گزرتے پولس والے چوکنا ہو گئے اور انھوں نے اس بدمعاش کو گولی کا نشانہ بنا دیا۔
بعد میں پولس کو پتہ چلا کہ وہ بدمعاش ان کے گھر میں چھپا ہوا تھا تو انہوں نے پنچ نامے میں سلطانہ کا نام بھی درج کر لیا سلطانہ کے ساتھ اسے کئی بار پولس اسٹیشن کے چکر کاٹنے پڑے۔ پولس الٹے سیدھے سوالات کرتی۔
" وہ بدمعاش گھر میں گھسا تو آپ چیخی کیوں نہیں ؟ وہ بدمعاش تمہارے ہی گھر میں کیوں گھسا ؟ کیا تم لوگ اس کو پہلے سے جانتے ہو ؟ اس بدمعاش نے تمہارے ساتھ کیا ، کیا کیا ؟ یہ جسم پر زخم کس طرح آئے تم نے مزاحمت کیوں نہیں کی ؟ تب سے روزانہ خدشہ لگا رہتا تھا کہ آج بھی پھر اسی طرح کی کوئی واردات نہ ہو جائے۔
ایک بار محلہ میں ہی پولس کا دن دہاڑے کسی گینگ سے انکاؤنٹر ہو گیا۔ دونوں طرف سے گولیاں چل رہی تھیں۔ لوگ خوف زدہ ہو کر اِدھر اُدھر بھاگ رہے تھے۔ اس وقت چھوٹا اسکول سے آیا بے خیالی میں وہ اس علاقے میں داخل ہو گیا جہاں تصادم چل رہا تھا اس سے پہلے کہ صورت حال کا اسے علم ہوتا اور وہ وہاں سے کسی محفوظ مقام کی طرف بھاگتا ایک گولی اس کے بازو کو چیرتی ہوئی گزر گئی۔
خون میں لہو لہان ہو کر وہ بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑا۔ تصادم ختم ہوا تو کسی کی نظر اس پر پڑی اور اسی نے انہیں خبر کی اور اسے اسپتال لے جایا گیا۔
گولی گوشت کو چیرتی ہوئی گزری تھی ، شکر تھا ہڈیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا ، پھر بھی وہ دس دنوں تک اسپتال میں رہا اور بازو کا زخم بھرنے میں پورا ایک مہینہ لگ گیا۔
چھوٹا اچھا ہو گیا تھا لیکن اتنا کمزور اور دبلا ہو گیا تھا کہ پورے ایک سال تک اس کی پرانی صحت واپس نہ آ سکی۔
ایک دن ترکاریاں خرید کر واپس آتی منی کو کسی غنڈے نے چھیڑ دیا اس وقت گڈو اسکول سے واپس آ رہا تھا اس سے برداشت نہیں ہو سکا اور وہ غنڈے سے الجھ پڑا۔
گڈو بھلا اس غنڈے کا مقابلہ کیا کرتا غنڈے نے اسے زخمی کر دیا کچھ لوگ اس کی مدد کو بڑھے تو غنڈہ بھاگ کھڑا ہوا لیکن گڈو زخمی ہو گیا تھا۔
اس کے بعد پتا نہیں کیا بات اس کے ذہن میں بیٹھ گئی کہ اس نے محلے کے آوارہ بدمعاش لڑکوں سے دوستی کر لی اور اسکول سے آنے کے بعد وہ زیادہ تر انہی کے ساتھ رہنے لگا۔ ایک دو بار اس کے سمجھانے پر وہ اس سے بھی الجھ پڑا۔
" ابا ! آج کے زمانے میں اپنی اور اپنے گھر والوں کی حفاظت کے لئے ایسے لوگوں کے ساتھ رہ کر ان کی مدد لینا بہت ضروری ہے۔ شرافت ، غنڈے اور بدمعاشوں سے ہماری حفاظت نہیں کر سکتی۔ "
گذشتہ چند سالوں میں کچھ ایسے واقعات ہوئے تھے کہ وہ ایک طرح سے ٹوٹ سا گیا تھا۔ گڈو رات کو دیر سے گھر آتا تھا۔ دیر رات تک وہ آوارہ بدمعاش قسم کے لڑکوں کے ساتھ رہتا تھا۔ وہ اسے روکتا تو وہ الجھ پڑتا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ صرف اطمینان کی بات یہ تھی کہ وہ اسکول باقاعدگی سے جاتا تھا اور پڑھائی میں بھی پہلے کی طرح دلچسپی لیتا تھا۔
منی کو آوارہ بدمعاش لڑکے اس کے سامنے چھیڑتے ، فقرے کستے تھے۔ سلطانہ بھی دبے لفظوں میں کئی بار اس سلسلے میں اس سے کہہ چکی تھی جب وہ اپنے پڑوسیوں سے اپنے گھر کا مقابلہ کرتا تو اسے کچھ اطمینان محسوس ہوتا تھا کہ اس کے بچے پڑوسیوں کے مقابلے کہیں زیادہ سیدھی راہ پر ہیں۔
پڑوسیوں کے بچوں کا برا حال تھا۔ کئی اچھے لڑکے تعلیم چھوڑ کر بری صحبت میں پڑنے کی وجہ سے غلطراستوں پر چل نکلے تھے۔ گلی میں کہیں چوری چھپے نشہ آور اشیاء بکتی تھیں کئی بچے ان نشہ آور اشیاء کے عادی بن چکے تھے۔ کم عمری میں ہی کچھ لڑکے طوائفوں کے اسیر بن کر اپنی زندگی اور جوانیاں برباد کر رہے تھے۔ غنڈہ گردی کے گلیمر نے کئی لڑکوں کو پھانس لیا تھا اور وہ اخلاقیات کے سارے درس بھول کر مادہ پرستی کا شکار ہو گئے تھے۔
لڑکیوں کی ایک عجیب ہی دنیا تھی۔ زیادہ تر لڑکیاں گلیمر کا شکار تھیں اور اس گلیمر کو حاصل کرنے کے لئے بھٹک چکی تھیں اس بھٹکنے میں بھی انہیں کوئی ندامت نہیں محسوس ہوتی تھی۔ جیسے اخلاقیات ، اقدار اب ایک داستان پارینہ ہو۔
جب وہ اپنے ماحول پر نظر ڈالتا تو کبھی کبھی یہ سوچ کر کانپ اٹھتا تھا وہ اور اس کے بچے بھی اسی ماحول میں رہ رہے ہیں۔ اس کے بچے بھی کبھی بھی ا س ماحول کے اسیر بن کر ان برائیوں کا شکار بن سکتے ہیں۔ جب کبھی تصور میں وہ اس بارے میں سوچتا تو اسے اپنے سارے خواب ٹوٹ کر بکھرتے محسوس ہوتے تھے۔ اس سلسلے میں سلطانہ بھی اس کی طرح فکر مند تھی اور وہ اکثر اس سے دبے لفظوں میں کہا کرتی تھی۔
" سلیم ! خدا کا شکر ہے ہمارے بچے آج تک اس گندے ماحول سے بچے ہوئے ہیں لیکن ڈرتی ہوں اگر اس ماحول نے انہیں بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تو ؟ اس کا کیا علاج ہو سکتاہے ؟ "
" ایک ہی علاج ہے ، ہم یہ جگہ چھوڑ دیں۔ "
" کہاں جائیں گے ؟ہمیں اس شہر میں تو سر چھپانے کے لئے کوئی جگہ ملنے سے رہی ہمارے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہیں کہ ہم کہیں دور کوئی جگہ لے سکیں۔ "
" کہیں بھی چلو۔ چاہے وہ جگہ جہاں ایسا ماحول نہ ہو شہر سے پچاس کلو میٹر دور ہو ، مجھے کوئی شکایت نہیں ہو گی لیکن اپنی اولاد کی بھلائی کے لئے اب یہ ہجرت لازمی ہو گئی ہے۔ مسئلہ تمہاری نوکری کا ہے تمہیں آنے جانے میں تھوڑی تکلیف تو ہو گی لیکن کیا اپنی اولاد کی بھلائی کے لئے تم اتنی تکلیف نہیں اٹھا سکتے؟ "
" میں اپنی اولاد کی بھلائی کے لئے ہر تکلیف اٹھاسکتا ہوں۔ "
" پھر کچھ سوچو ، اس ماحول سے نکلنے کے لئے کوئی قدم اٹھاؤ۔ " بیوی نے کہا۔
" ہاں میں ضرور کوئی قدم اٹھاؤں گا۔ " اس نے جواب میں کہا اور سوچ میں ڈوب گیا۔
ایک دن وہ آیا تو بہت خوش تھا۔ آتے ہی سلطانہ سے کہنے لگا۔ " سلطانہ ! اپنی اولاد کی بھلائی کے لئے ہمیں جو قدم اٹھانا چاہیئے تھا اس راہ میں میں نے پہلا قدم رکھ لیا ہے ، میں نے ایک جگہ فلیٹ بک کر لیا ہے وہ جگہ یہاں سے پچاس کلو میٹر دور ہے لیکن وہاں پر یقیناً یہاں سی گندگی نہیں ہو گی۔ " یہ کہتے ہوئے وہ سلطانہ کو ساری بات سمجھانے لگا۔
بہت بڑی کالونی بن رہی ہے معمولی رقم پر وہاں فلیٹ بک ہو گیا ہے۔ پیسے قسطوں میں ادا کرنے ہیں ابھی پوری کالونی تیار ہونے میں دو سال لگیں گے۔ تب تک ہم پیسے ادا کر دیں گے یا جو باقی پیسے ہوں گے اس کمرے کو فروخت کر کے بے باق کر دیں گے۔
دونوں کی آنکھوں کے سامنے ایک خوبصورت بستی کا خواب تھا۔ خوبصورت عمارتیں ، چاروں طرف پھیلی ہریالی ، مسجد ، مدرسہ ، باغ ، اسکول ، کشادہ صاف سڑکیں اور کھلی کھلی آب و ہوا جن میں گھٹن کا نام و نشان نہیں۔
انہوں نے بچوں کو بھی اس بستی کے بارے میں بتایا تھا۔ بچوں نے ان کے اس خواب کے بارے میں اپنا کوئی ردِّ عمل ظاہر نہیں کیا تھا۔
ایک دو بار سلطانہ نے دبے لفظوں میں کہا بھی تھا۔
" بچے یہاں پیدا ہوئے پلے بڑھے ہیں۔ انہیں اس جگہ سے انسیت ہو گئی ہے ممکن ہے وہ یہاں سے جانے سے انکار کر دیں۔ آخر ان کے دوست احباب تو یہاں رہتے ہیں۔ "
" بچوں کو ہر حال میں یہاں سے جانا ہو گا۔ آخر یہ سب ہم اپنی خوشی کے لئے نہیں ان کی بھلائی کے لئے کر رہے ہیں۔ "
ان دنوں وہ جس اذیت کا شکار تھا۔ اس کے آفس میں کام کرنے والا اکبر بھی دو سال قبل اسی اذیت کے دور سے گزر رہا تھا۔ اکبر کا بھی وہی مسئلہ تھا جو اس کا مسئلہ تھا۔ اکبر نے بھی وہی حل اور راستہ نکالا تھا جو اس نے نکالا تھا۔
کچھ دنوں قبل وہ بھی شہر سے دور نئی آباد ہونے والی بستی میں جا بسا تھا۔ اس جگہ آباد ہونے کے بعد وہ بہت خوش تھا۔
" سلیم بھائی ساری فکروں اور خدشات سے نجات مل گئی ہے۔ سمجھ لیجئے اب بچوں کا مستقبل محفوظ ہو گیا ہے۔ "
اس کے ذہن میں بار بار اکبر کی وہ بات گونجتی تھی۔ جب بھی وہ اکبر کی اس بات کے بارے میں سوچتا تھا۔ یہ سوچ کر اپنا دل بہلاتا تھا کہ ایک سال بعد تو اسے بھی اکبر کی طرح ایک نئی آباد ہونے والی بستی میں بسنا ہے۔ ایک سال بعد اس کے ہونٹوں پر بھی وہی کلمات ہوں گے۔ بس ایک سال اور اس جہنم میں گزار کر خود کو اس جہنم سے محفوظ رکھنا ہے۔
دن گزر رہے تھے۔ اور اچھے دن قریب آ رہے تھے۔ اس جگہ سے ہجرت کرنے کے دن جیسے جیسے قریب آ رہے تھے ویسے ویسے بچوں ، گھر ، بیوی کے بارے میں اس کی فکریں زیادہ ہی بڑھتی جا رہی تھیں وہ ان کے بارے میں کچھ زیادہ ہی سوچنے لگا تھا۔
اس دن آفس کینٹن میں اکبر کے ساتھ لنچ لیتے ہوئے اس نے اکبر کو متفکر پایا تو پوچھ بیٹھا۔
" کیا بات ہے اکبر بہت پریشان لگ رہے ہو ؟ "
" کیا بتاؤں سلیم بھائی ! ساری تدبیریں اور منصوبے غلط ثابت ہو گئے ہیں۔ "
" کیا بات ہے تمہیں کس بات کی فکر ہے ؟ "
" جن بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لئے شہر سے دور سکونت اختیار کی تھی وہاں جانے کے بعد بھی بچوں کا مستقبل محفوظ نہیں ہو سکا ہے۔ یہاں کے ماحول سے وہ بچ گئے تو وہاں پر ایک نئے اور عجیب ماحول میں رم رہے ہیں ، اونچے خواب ، اونچی سوسائٹی کے عادات و اطوار ، اسی سوسائٹی میں ڈھلنے کی کوشش۔ بنا یہ جانے کہ ہماری اس سوسائٹی کے طور طریقوں میں ڈھل کر رہنے کی بساط نہیں ہے۔ کنزیومر کلچر ان پر حاوی ہو رہا ہے ، سیٹیلائٹ کلچر اور اس کے ذریعہ پھیلنے والے افکار کے وہ مرید بن رہے ہیں ، مادہ پرستی ان میں بڑھتی جاری ہے ، اقدار کا ان میں فقدان ہو رہا ہے ، پہلے وہ جن افکار میں ڈھلنے والے تھے وہ افکار مجھے پسند نہیں تھے اس لئے میں انہیں اس جگہ سے دور لے گیا لیکن وہاں وہ جن افکار میں ڈھل رہے ہیں مجھے وہ بھی پسند نہیں ہے۔ "
وہ اکبر کی بات سن کر سناٹے میں آگیا۔
ایک سال بعد اسے بھی تو وہاں جانا ہے۔ اگر وہاں اس کے ساتھ بھی ایسا ہوا تو اس کی اس ہجرت کا کیا فائدہ ؟
اسے محسوس ہوا جیسے وہ ایک مدار پر گردش کر رہا ہے۔ کسی ناپسندیدہ مقام سے وہ چاہے کتنی دور بھی جانا چاہے لیکن اسے واپس لوٹ کر اسی جگہ آنا ہے۔

دہشت

" ہے بھگوان ! میں اپنے گھر والوں کے لئے رزق کی تلاش میں گھر سے باہر جا رہا ہوں۔ مجھے شام بحفاظت گھر واپس لانا۔ میری حفاظت کرنا میری غیر موجودگی میں میرے گھر اور گھر کے افراد کی حفاظت کرنا۔ "
دروازے کے قریب پہنچتے ہی یہ دعا اس کے ہونٹوں پر آ گئی اور وہ دل ہی دل میں اس دعا کو دہرانے لگا۔ جیسے ہی اس نے دعا کے آخری الفاظ ادا کئے اس کا پورا جسم کانپ اٹھا اور پورے جسم میں ایک برقی لہر سی دوڑ گئی ، آنکھوں کے سامنے اندھیرا سا چھانے لگا۔
اس نے گھبرا کر پیچھے پلٹ کر دیکھا۔
اس کی بیوی بچے کو لے کر معمول کے مطابق اسے چھوڑنے دروازے تک آئی تھی۔
" بیٹے پاپا کو ٹاٹا کرو "۔ اس نے بچے سے کہا تو بچہ اسے دیکھ کر مسکرایا اور اپنے ننھے ننھے ہاتھ ہلانے لگا۔
" شام کو جلدی گھر آ جانا کہیں رکنا نہیں ، ذرا سی دیر ہو جاتی ہے تو میرا دل گھبرانے لگتا ہے "۔ بیوی نے کہا تو اس کی بات سن کر ایک بار پھر اس کا دل کانپ اٹھا ، پیر جیسے دروازے میں جم گئے لیکن پھر اس نے اپنا سر جھٹک کر قوت ارادی کو مضبوط کرتے ہوئے دروازے کے باہر قدم نکالے۔
گھر سے باہر نکل کر اس نے ایک بار پھر مڑ کر اپنے گھر کو دیکھا بیوی بچے کو گود میں لئے دروازے میں کھڑی تھی۔
پتہ نہیں کیوں ایک بار پھر اس کے دماغ میں اس خیال کے ناگ نے اپنا پھن اٹھایا۔ اسے ایسا محسوس ہوا جیسے وہ آخری بار اپنے گھر سے باہر نکل رہا ہے اپنے گھر اور بیوی بچے کا آخری دیدار کر رہا ہے۔ اب وہ کبھی واپس لوٹ کر اس گھر میں نہیں آئے گا نہ بیوی بچے کو دوبارہ دیکھ پائے گا۔
گھبرا کر اس نے اپنے سر کو جھٹکا اور تیزی سے آگے بڑھ گیا۔
اسے خوف محسوس ہو رہا تھا اگر اس کی بیوی نے اس کے ان خیالات کو پڑھ لیا تو وہ ابھی رو اٹھے گی اور رو رو کر خود کو بے حال کر لے گی اور اسے ڈیوٹی پر جانے نہیں دے گی۔ مجبوراً اسے چھٹی لینی پڑے گی۔
وہ کیا کرے ؟ اس کے ذہن میں ان خیالوں کا جو ناگ کنڈلی مار کر بیٹھا ہے اس ناگ کو اپنے ذہن سے کس طرح نکالے۔
ہر بار وہ اپنے ذہن میں بیٹھے اس ناگ کو مار بھگانے کی کوشش کرتا ہے اور کبھی کبھی تو وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب بھی ہو جاتا ہے۔ لیکن پھر دوبارہ وہ ناگ اس کے ذہن میں آ کر بیٹھ جاتا ہے اور اس کی ساری کوشش رائیگاں جاتی ہے۔
ابھی کل ہی کی بات ہے۔
چار پانچ دنوں سے وہ خود کو بڑا ہلکا پھلکا محسوس کر رہا تھا۔ وہ اس ناگ کو مار بھگانے میں کامیاب رہا تھا۔ وہ اطمینان سے ذہن میں بنا کوئی بوجھ لئے آفس جاتا تھا اور اسی اطمینان سے واپس گھر آتا تھا۔
نہ تو گھر میں کوئی تناؤ تھا اور نہ ہی ذہن میں کوئی تناؤ تھا۔ پھر ایک حادثہ ہوا اور وہ ناگ دوبارہ اس کے ذہن میں کنڈلی مار کر بیٹھ گیا۔
اس دن آفس پہنچا تو معلوم ہوا کہ ملند آفس نہیں آیا۔
" کیا بات ہے ، آج ملند آفس کیوں نہیں آیا ہے ؟ " اس نے پوچھا۔
" ارے تم کو معلوم نہیں ؟ " اس کی بات سن کر گائیکر حیرت سے اسے دیکھنے لگا
" کل اس کا قتل ہو گیا۔ "
" قتل ہو گیا ؟ " یہ سنتے ہی اس کے ذہن کو ایک جھٹکا لگا۔ قتل اور ملند کا ؟ مگر کیوں ؟ اس نے کسی کا کیا بگاڑا تھا ؟ وہ شریف آدمی کسی کا کیا بگاڑ سکتا تھا ؟ اس بے چارے کا تو مشکل سے کوئی دوست تھا تو بھلا دشمن کیسے ہو سکتا ہے ؟
" نہ وہ دوستوں کے ہاتھوں مرا اور نہ دشمنوں کے ! وہ تو بے موت مارا گیا۔ " گائیکر بتانے لگا۔ آفس سے وہ گھر جا رہا تھا۔ لوکھنڈ والا کامپلیکس کے پاس اچانک دو گینگ والوں میں ٹکراؤ ہوا۔ دونوں طرف سے گولیاں چلنے لگیں۔ ان گولیوں سے پتہ نہیں ان گینگ کے افراد مارے گئے یا زخمی ہوئے لیکن ایک گولی اس جگہ سے گزرتے ملند کی کھوپڑی توڑتی ضرور گزر گئی۔ "
" اوہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نو ! " یہ سن کر وہ اپنا سر پکڑ کر کرسی سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔
بے چارہ ملند !
کل کتنی پیاری پیاری باتیں کر رہا تھا۔
" اننت بھائی ! اپنے کمرے کا انتظام ہو گیا ہے اب کمرہ کہاں لیا کتنے میں لیا یہ مت پوچھو ، بس لے لیا۔ یہ سمجھو گھر والے بہت خوش ہیں کہ میں نے کوئی کمرہ لے لیا ہے۔ سالا اتنے چھوٹے سے گھر میں سارے خاندان والوں کو رہنا پڑتا تھا۔ میرے کمرہ لینے سے سب سے زیادہ خوش نینا ہے۔ میں نے جیسے ہی اسے یہ خوش خبری سنائی گارڈن میں سب لوگوں کے سامنے اس نے میرا منھ چوم لیا ایک بار نہیں پورے تین بار اور بولی اب جلدی سے گھر آ کر میرے باپو سے ہماری شادی کی بات کر لو ویسے وہ تیار ہیں۔ ان کی ایک ہی شرط تھی اور وہ یہ کہ تم رہنے کے لئے کوئی کمرہ لے لو۔
" بے چارہ ملند ! " وہ سوچنے لگا۔ کل جب وہ آفس سے نکلا ہو گا تو اس نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہو گا کہ وہ گھر کی طرف نہیں موت کی طرف جا رہا ہے۔ کیا سویرے گھر سے نکلتے وقت اس نے سوچا ہو گا کہ وہ آخری بار آفس جا رہا ہے ؟ اس کے بعد اسے کبھی گھر سے آفس کے لئے نکلنے کی ضرورت محسوس نہیں ہو گی۔ یا اب کبھی وہ لوٹ کر گھر نہیں آئے گا۔ کیا وہ جس موت کا شکار ہوا ہے یہ اس کی فطرتی موت ہے ؟ نہیں نہیں۔ ۔ ۔ ! نہ یہ اس کی فطرتی موت تھی اور نہ اس کی قسمت میں اس طرح کی موت لکھی تھی۔ وہ تو بے موت مارا گیا۔
دو گینگ والے آپس میں ٹکرائے۔ ایک دوسرے کو ختم کرنے کے لئے گولیاں چلیں اور ختم ہو گیا بے چارہ ملند۔
جس طرح ملند کی کہانی ختم ہو گئی ممکن تھا اگر وہ بھی اس جگہ سے گزرتا تو اس کی زندگی کا بھی خاتمہ ہو جاتا۔ مانا وہ اس کا راستہ نہیں تھا لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ گینگ وار صرف لوکھنڈ والا کامپلیکس کے پاس ہی ہوتی ہیں۔
وہ دادر میں بھی ہو سکتی ہے ، کرلا میں بھی ، ملنڈ میں بھی اور تھانے اسٹیشن کے باہر بھی۔ یہ تو اس کا رستہ ہے۔ جس گولی نے ملند کی جان لی تھی اس طرح کی کوئی گولی اس کی بھی جان لے سکتی ہے۔
ناگ دوبارہ آ کر اس کے ذہن میں کنڈلی مار کر بیٹھ گیا تھا۔ اور اب چاہ کر بھی وہ اس ناگ کو اپنے ذہن سے نہیں نکال سکتا تھا۔
گذشتہ ایک سال سے وہ اس ناگ کی دہشت سے خوف زدہ تھا۔ گذشتہ ایک سال سے روزانہ اسے اس ناگ کا لہراتا ہوا پھن دکھائی دیتا تھا۔ روزانہ وہ جس راستے سے بھی گزرتا تھا وہاں سے موت اسی کی تاک میں بیٹھی محسوس ہوتی تھی۔
اسے صرف اس دن ناگ سے نجات ملتی تھی جس دن وہ آفس نہیں جاتا تھا اور گھر میں ہی رہتا تھا۔
گھر میں وہ اپنے بیوی بچوں کے درمیان خود کو بے حد محفوظ سمجھتا تھا۔ اسے پورا اطمینان ہوتا تھا کہ جب تک وہ اپنے گھر میں ہے اپنے خاندان کے افراد کے درمیان ہے محفوظ ہے۔
ہاں جس لمحے اس نے گھر سے باہر قدم رکھا اس کی زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں۔ صرف وہ اکیلا ہی اس دہشت سے خوفزدہ نہیں تھا جب وہ غور کرتا تو اسے اپنے ساتھ سفر کرتا ہر آدمی اسے دہشت زدہ محسوس ہوتا تھا۔ کسی کو بھی اپنی زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں تھا۔
جب وہ اس موضوع پر لوگوں سے گفتگو کرتا تو اسے محسوس ہوتا وہ جس خوف کے سائے میں جی رہا ہے لوگ بھی اسی خوف کے سائے تلے جی رہے ہیں۔ سارے شہر پر وہ کالا سایہ چھایا ہوا ہے۔
ایک سال قبل تک سب کچھ کتنا اچھا تھا۔
روزانہ وہ بلا خوف و خطر آفس جاتا اور آفس سے واپس گھر آتا تھا۔ کسی وجہ سے اگر وہ آدھی رات تک گھر نہیں پہنچ پاتا تھا تو بھی گھر والے اس کی کوئی فکر نہیں کرتے تھے۔ وہ یہ اندازہ لگا لیتے تھے کہ ضرور آفس میں کوئی کام ہو گا اس لئے گھر آنے میں دیر ہو گئی ہو گی یا ٹرین سروس میں کوئی خلا پیدا ہو گیا ہو گا اس لئے وہ ابھی تک گھر نہیں آ پایا ہے۔ وہ خود جب آفس سے نکلتا تو اسے بھی گھر پہونچنے کی کوئی جلدی نہیں ہوتی تھی۔ وہ بڑے آرام سے ضروری اشیا ء خرید کر گھر جاتا تھا۔
لیکن اب تو یہ حال تھا کہ اگر وہ آدھا گھنٹہ بھی لیٹ ہو جاتا تھا تو اس کی بیوی کی دل کی دھڑکنیں تیز ہو جاتی تھیں۔ وہ بے چینی سے کمرے میں ٹہلتی ، پتہ نہیں کیا کیا سوچنے لگتی تھی۔
اگر وہ گھر آنے میں دو تین گھنٹہ لیٹ ہو جاتا تو وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگتی تھی۔ وہ ابھی تک گھر کیوں نہیں پہونچا ؟ کیا اس کے ساتھ کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش آیا ہے ؟
اب وہ آفس سے نکلتا تھا تو سیدھا پہلی لوکل پکڑ کر گھر جانے کی سوچتا تھا وہ آفس سے باہر خود کو بڑا غیر محفوظ سمجھتا تھا۔ اسے اگر کوئی ضروری چیز بھی خریدنی ہوتی تھی تو وہ ٹال دیتا تھا۔
ایک دہشت ذہن میں سمائی رہتی تھی۔ پتہ نہیں کب کہیں کوئی بم پھٹے اور اس کے جسم کے پرخچے اڑ جائیں۔
پتہ نہیں کب کہیں سے کوئی گروہ ہاتھوں میں تلوار ، چاقو ، چاپڑ لئے مذہبی نعرے لگاتا ہوا آئے اور آ کر اس کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالے۔
پتہ نہیں کب کہیں سے پولس کی گولی آئے اور اس زمین کو اس کے وجود سے پاک کر دے پتہ نہیں کہیں دو گینگوں کی وار میں چلی کوئی گولی اچٹ کر آئے اور ملند کی طرح اس کا بھی خاتمہ کر دے۔ اور نہیں تو یہ بھی ممکن ہے وہ جس لوکل ٹرین سے سفر کر رہا ہو اس کے ڈبے میں بم پھٹ پڑے۔
گذشتہ ایک سال میں اس نے اپنی آنکھوں سے اپنی موت کو اپنے بہت قریب سے دیکھا تھا۔ اپنے کئی شناساؤں اور عزیزوں کو موت کا نوالا بنتے ہوئے دیکھا تھا اور ایک دو بار تو خود موت اس کے قریب سے گزری کہ آج بھی جب وہ ان لمحات کو یاد کرتا تھا تو اس کے جسم میں کپکپی چھوٹ جاتی تھی۔
وہ دسمبر کا ایک منحوس دن تھا۔ بیوی اسے روک رہی تھی۔
" آج آپ ڈیوٹی پر مت جائیے میرا دل بہت گھبرا رہا ہے ضرور آج کچھ نہ کچھ ہو گا۔ "
" تمہارا دل تو روز ہی گھبراتا رہتا ہے اس کا مطلب تو یہ ہوا میں روز آفس نہ جاؤں۔ ایسا کچھ بھی نہیں ہو گا جیسا تم سوچ رہی ہو۔ اس طرح کے واقعات تو روزانہ ہوتے رہتے ہیں۔ میرا آج آفس جانا بہت ضروری ہے کہیں کوئی گڑبڑ نہ ہو جائے ، میں جلد ہی واپس آ جاؤں گا۔ "
بیوی روکتی رہی مگر وہ نہ مانا اور ڈیوٹی پر چلا آیا۔
اس دن آفس میں حاضری آدھے سے بھی کم تھی۔ آنے والے آ تو گئے تھے لیکن اس لمحے کو کوس رہے تھے جب انہوں نے آفس جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ سب کا یہی خیال تھا کہ اگر وہ نہ آتے تو بہتر تھا۔ کیونکہ جو خبریں آفس پہنچ رہی تھیں اسے محسوس ہو رہا تھا آدھا شہر جل رہا ہے۔
آسمان میں دھوئیں کے بادل چھائے صاف دکھائی دے رہے تھے۔ سارے شہر پر ایک دہشت چھائی ہوئی تھی۔ کھلی دکانیں دھڑا دھڑ بند ہو رہی تھیں سڑکوں سے سواریاں اور لوگ غائب ہو رہے تھے۔
یہ طے کیا گیا کہ آفس بند کر کے سب لوگ فوراً اپنے گھروں کو چلے جائیں۔ ریلوے اسٹیشن تک آتے آتے انہوں نے کئی ایسے مناظر دیکھے تھے جس کو دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے تھے۔
جگہ جگہ گاڑیاں جل رہی تھیں۔ دوکانیں جل رہی تھیں۔ لٹی ہوئی دوکانیں کھلی پڑی تھیں۔ سڑک پر ایک دو لاشیں پڑی تھیں۔ ایک دو زخمی کراہ رہے تھے۔ پتھروں اور سوڈا واٹر کی پھوٹی ہوئی بوتلوں کے ڈھیر پڑے ہوئے تھے۔
اسٹیشن پر اتنی بھیڑ تھی کہ پیر رکھنے کی بھی جگہ نہیں تھی۔ جو بھی لوکل آتی تھی لوگ اس پر ٹوٹ پڑتے تھے اور جس کو جہاں جگہ ملتی وہاں کھڑے ہو کر ، بیٹھ کر ، لٹک کر جلد سے جلد وہاں سے نکل جانے کی کوشش کرتے۔
اسے ایک لوکل میں جگہ ملی تو صورت حال یہ تھی کہ وہ دروازہ میں آدھے سے زیادہ لٹکتا سفر کر رہا تھا اور راستے میں سارے مناظر دیکھ رہا تھا۔
لوگوں کے گروہ ایک دوسرے سے الجھے ہوئے تھے۔ ایک دوسرے پر پتھراؤ کر رہے تھے۔ سوڈاواٹر کی بوتلیں پھینک رہے تھے۔ ۔ دوکانیں لوٹ رہے تھے چلّا رہے تھے۔
کہیں پولس اور لوگوں میں ٹکراؤ چل رہا تھا۔ پولس اندھا دھند گولیاں چلا رہی تھی لاشیں سڑکوں پر گر رہی تھیں۔
گولیوں کی ایک بوچھار اس جگہ سے گزرتی لوکل ٹرین سے بھی ٹکرائی۔ اس کے ساتھ جو آدمی لٹکا ہوا تھا گولی پتہ نہیں اس آدمی کے جسم کے کس حصے سے ٹکرائی ، اس کے منھ سے ایک دردناک چیخ نکلی۔ اس کا ہاتھ چھوٹا وہ ڈبہ سے گرا اور اس کے بعد ابھرنے والی اس کی دوسری چیخ اتنی بھیانک تھی کہ جس کے بھی کانوں تک وہ چیخ پہنچی وہ کانپ گیا۔
وہ گاڑی کے نیچے آگیا تھا۔
ایک گولی سامنے کھڑے آدمی کو لگی اور وہ بے آواز ڈھیر ہو گیا۔
اس کے جسم سے خون کا ایک فواّرہ اڑا اور آس پاس کھڑے لوگوں کے جسم اور کپڑوں کو شرابور کر گیا۔
اس کے کپڑوں پر بھی تازہ خون کی ایک لکیر ابھر آئی۔ کسی طرح وہ گھر پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ اس کے بعد اس نے طے کیا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے وہ اب آٹھ دس دنوں تک یا جب تک معاملہ ٹھنڈا نہ ہو جائے آفس نہیں جائے گا۔
اور وہ آٹھ دنوں تک آفس نہیں گیا۔ گھر میں بیٹھا شہر کے جلنے کی اور لوگوں کے مرنے برباد ہونے کی خبریں سنتا پڑھتا رہا۔ کبھی چوبیس گھنٹے کرفیو رہتا۔ کبھی کچھ دیر کے لئے کرفیو میں راحت دی جاتی۔ آٹھ دنوں میں صورت حال معمول پر آ گئی۔
مجبوریوں کے مارے لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلے۔ مجبوری کے تحت آفس جاتے۔ راستے بھر سفر کے جلد خاتمے کی دل ہی دل میں دعائیں کرتے۔
آفس پہنچ کر آفس میں کام کرتے ہوئے وہ یہی دعا کرتا کہ کوئی ناخوش گوار واقعہ نہ پیش آئے۔ اور آفس سے جلدی چھٹی لے کر جلد گھر جانے کی کوشش کرتا۔
آدھی رات تک جاگنے اور کبھی کبھی تو رات بھر جاگنے والا شہر پانچ بجے ہی ویران ہو جاتا تھا۔ حالات کچھ کچھ معمول پر آئے بھی نہ تھے کہ ایک بار پھر تشدد بھڑک اٹھا۔ اس بار تشدد کا زور کچھ زیادہ تھا۔
ایک دن دہشت زدہ سا آفس سے دوپہر میں ہی گھر آ رہا تھا کہ اچانک ایک مذہبی نعرہ لگاتا گروہ لوکل ٹرین پر ٹوٹ پڑا۔ گروہ کے ہاتھوں میں تلواریں ، چاقو اور چاپڑ تھے۔ مذہبی نعرے لگاتے وہ اندھا دھند لوگوں پر وار کر رہے تھے۔ لوگ چیخ رہے تھے ، بلبلا رہے تھے لیکن گروہ کو کسی پر رحم نہیں آ رہا تھا۔ تلوار کا ایک وار اس کی پشت پر ہوا اور کے بعد کیا ہوا اسے کچھ یاد نہیں۔
ہوش آیا تو اس نے خود کو ایک اسپتال میں پایا۔
لوکل کسی محفوظ مقام پر رکی تھی۔ وہاں پر زخمی افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ تین دنوں تک وہ بے ہوش تھا۔ ہوش میں آنے کے بعد گھبرا کر اس نے سب سے پہلے اپنے گھر خبر کرنے کی درخواست کی تھی۔
اسپتال میں اسے پتہ چلا کہ اس کی بیوی خود دو دنوں سے اسپتال میں ہے۔ وہ گھر نہیں آیا تھا اس لئے رات بھر روتی پیٹتی رہی تھی۔ جیسے جیسے دل کو دہلا دینے والی خبریں وہ سنتی تھی اس کا کلیجہ منھ کو آتا۔ آخر جب برداشت نہیں کر سکی تو بے ہوش ہو گئی اور اسے پڑوسیوں نے اسپتال پہنچا دیا۔
اسپتال میں جب اس کے محفوظ ہونے کی خبر ملی تو اس کے اندر جیسے ایک نئی جان سرایت کرگئی اور وہ اس کے پاس اسپتال چلی آئی۔
وہ دس دنوں تک اسپتا ل میں رہا اس کے بعد گھر آگیا۔ گھر آ کر اس نے گھر میں کچھ دنوں تک آرام کیا پھر مجبوراً آفس جانے لگا۔ وہ اتنا خوف زدہ تھا کہ ہر لمحہ اسے محسوس ہوتا تھا ابھی کوئی گروہ ہاتھوں میں تلوار ، چاپڑ یا چاقو لئے مذہبی نعرے لگاتا آئے گا اور اس پر ٹوٹ پڑے گا۔ گذشتہ بار تو وہ ان کے وار سے بچ گیا لیکن اس بار بچ نہیں سکے گا وہ لوگ اس کے جسم کے ٹکرے ٹکڑے کر ڈالیں گے۔
اس کی آنکھوں کے سامنے ڈبے ّسے دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو پھینکنے کے واقعات پیش آئے تھے۔ وہ ان واقعات سے بھی خوف زدہ رہتا تھا۔ اگر کسی دن غلطی سے وہ کسی ایسے ڈبے میں چڑھ گیا جس میں دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے مسافر زیادہ ہوئے تو وہ لوگ بھی اس کے ساتھ یہی سلوک کر سکتے ہیں۔ نہیں نہیں ایسا سوچ کر ہی وہ کانپ اٹھتا تھا۔
اور پھر ایک دن ایک اور قیامت کا دن آیا۔ اس کے آفس کے سامنے والی عمارت میں ایک زبردست دھماکہ ہوا تھا۔ اتنا زبردست کہ اس آفس کی کھڑکیوں کے سارے شیشے ٹوٹ گئے تھے اور اسے اپنے کانوں کے پردے پھٹتے محسوس ہوئے تھے۔ باہر صرف دھواں ہی دھواں تھا۔ دھواں ہٹا تو وہاں صرف ملبہ ہی ملبہ دکھائی دے رہا تھا۔ اور چیتھڑوں کی شکل میں خون میں ڈوبے مرے لوگ ، ان کی لاشیں۔ اس طرح کے دھماکے شہر میں کئی مقامات پر ہوئے تھے۔ ہزاروں لوگ زخمی ہوئے تھے سینکڑوں مارے گئے تھے کروڑوں کا نقصان ہوا تھا۔ موت ایک بار پھر اس کی آنکھوں کے سامنے اپنا جلوہ دکھا کر رقص کرتی چلی گئی تھی۔ اگر وہ بم تھوڑا سا اور زیادہ طاقت ور ہوتا تو اس کا آفس بھی اس کی زد میں آ جاتا اور وہ بھی نہیں بچ پاتا۔
یہیں خاتمہ نہیں تھا۔ آئے دن لوکل ٹرینوں میں ، پلیٹ فارموں پر چھوٹے بڑے دھماکے ہو رہے تھے۔ مجرموں کی تلاش کے نام پر کسی پر ذرا بھی شک ہونے پر پولس اسے اٹھا لے جاتی اور اسے جانوروں کی طرح پیٹ کر حوالات میں ڈال دیتی۔ اس کا چھوٹنا مشکل ہو جاتا۔ ہاتھوں کی ہر چیز کو شک کی نظروں سے دیکھا جاتا تھا۔ کوئی چیز کہیں سے لانا یا لے جانا بھی جرم ہو گیا تھا۔
گینگ وار میں سڑکوں پر گولیاں چلتیں۔ لاشیں گرتیں۔ مجرموں غنڈوں جرائم پیشہ لوگوں کی بھی اور معصوم لوگوں کی بھی۔ ایسی حالت میں گھر سے نکلتے ہوئے کون اعتماد سے کہہ سکتا ہے کہ اس کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہو گا۔ وہ جس طرح گھر سے نکل رہا ہے اسی طرح محفوظ بہ حفاظت شام کو واپس گھر آ جائے گا۔ گھر سے جب وہ دعا کر کے نکلتا تو اس کا ذہن خدشات اور وسوسوں میں ڈوبا ہوتا تھا لیکن جب وہ شام گھر پہنچ کر دعا کرتا تھا تو اسے ایک قلبی سکون ملتا تھا۔
" ہے بھگوان ! تیرا بہت بہت شکریہ تو نے مجھے صحیح سلامت اپنے گھر پہنچا دیا۔ "

حوادث

" اتنی دیر کہاں تھے ؟ " دروازہ کھولنے کے ساتھ بیوی نے سوال کیا۔
" پولس اسٹیشن گیا تھا۔ " اس نے بیزاری سے جواب دیا اور کپڑے اتارنے لگا۔
" رات کے دس بج رہے ہیں اور تم پولس اسٹیشن سے آ رہے ہو ؟ " بیوی نے حیرت سے پوچھا۔ " شام پانچ بجے سے پولس اسٹیشن میں بیٹھا ہوں۔ " اس نے اپنا سر پکڑتے ہوئے جواب دیا۔
" تین بجے ہی دو کانسٹبل آفس پہنچ گئے تھے اور فوراً پولس تھانے چلنے کے لئے کہہ رہے تھے۔ بڑی مشکل سے میں نے انہیں سمجھایا کہ آفس میں بہت ضروری کام ہے میں شام کو تھانے آتا ہوں۔ شام کو تھانے گیا تو انسپکٹر کا پتہ ہی نہیں تھا جس کے ہاتھ میں ملند کا کیس ہے۔ ایک دو گھنٹہ انتظار کرنے کے بعد جانے لگا تو تھانے میں موجود کانسٹبل ڈرانے دھمکانے لگے کہ تم بنا انسپکٹر صاحب سے ملے جا نہیں سکتے۔ اگر تم چلے گئے تو ہو سکتا ہے انسپکٹر صاحب تمہیں رات گھر سے بلائیں۔ مجبوراً اس کا انتظار کرنے لگا۔ نو بجے کے قریب وہ آیا تو مجھ سے اس طرح کا برتاؤ کرنے لگا جیسے میں کوئی عادی مجرم ہوں ، کہنے لگا۔ " کیوں بے تُو بہت بڑا صاحب آفیسر ہے جو ہمارے بلانے پر نہیں آتا ہے ؟ ہم تیرے باپ کے نوکر ہیں ، دوست کے قتل کی گواہی دے رہا ہے تو ہم پر کوئی احسان نہیں کر رہا ہے زیادہ ہوشیاری دکھائی تو اسی کیس میں تجھے پھنسا دوں گا۔ یہ مت بھول قتل تیری آنکھوں کے سامنے ہوا ہے اور تُو اکیلا چشم دید گواہ ہے۔ وہاں موجود دوسرے تمام افراد نے گواہی دینے سے انکار کر دیا ہے ورنہ جائے واردات پر موجود کوئی بھی فرد قاتلوں کو دیکھنے کی بات ہونٹوں پر نہیں لا رہا ہے۔ اپنے دوست کے قاتلوں کو سزا دلانا چاہتا ہے توسیدھی طرح ہماری مدد کر جب ہم بلائیں اسی وقت پولس اسٹیشن میں حاضر ہوتا رہ۔ ورنہ پولس کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے جرم میں تجھے اندر کر دیں گے۔ "
" انہوں نے کس لئے بلایا تھا ؟ " رادھا نے بات بدلنے کے لئے پوچھ لیا۔ وہ سمجھ گئی تھی کہ اگر اس نے اس بات کو ختم نہیں کیا تو امیت ساری کہانی لفظ بہ لفظ اسے سنائے گا اور سناتے ہوئے تناؤ کا شکار ہو جائے گا۔
" کچھ نہیں ایک دو بیانات پر دستخط لینے تھے۔ جائے واردات پر ملی ایک دو چیزوں کی تصدیق کرنی تھی۔ " امیت نے جواب دیا۔
" بھگوان جانے اس کیس سے کب نجات ملے۔ " یہ کہتے ہوئے رادھا نے ایک ٹھنڈی سانس لی اور پھر بولی۔ " چلو جلدی سے منھ ہاتھ دھوکر آؤ۔ رات کے دس بج رہے ہیں مجھے بڑی بھوک لگی ہے اور تم بھی تو بھوکے ہو۔ "
" ان چار گھنٹوں میں پانی کی ایک بوند بھی منھ میں نہیں گئی ہے۔ " کہتا ہوا امیت واش بیسن کی طرف بڑھ گیا۔
" پتہ نہیں یہ ہمارے کن پاپوں کی سزا ہے جو بھگوان ہمیں دے رہا ہے۔ " امیت کو واش بیسن کی طرف جاتے دیکھ کر وہ سوچنے لگی۔ " ہم کو اس کیس میں پھنسا دیا ہے۔ " تھوڑی دیر کے بعد دونوں ساتھ بیٹھے بظاہر کھانا کھا رہے تھے۔ لیکن رادھا کا ذہن کہیں اور کھویا ہوا تھا۔
امیت کی آنکھوں کے سامنے وہ واقعات گھوم رہے تھے جب اس کے سامنے ملند کا قتل ہوا تھا۔ دونوں ایک ریستوراں میں بیٹھے چائے پی رہے تھے۔
آفس سے چھوٹنے کے بعد ملند نے چائے کی دعوت دی تھی۔ اسے بھی شدت سے چائے کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی۔ دن بھر آفس میں اتنا کام تھا کہ وہ چائے بھی نہیں پی سکا تھا۔
دونوں آفس سے نکلے اور سامنے والے ریستوراں میں بیٹھ کر چائے پینے لگے۔ شام کا وقت تھا ریستوراں میں زیادہ بھیڑ نہیں تھی۔ ویسے بھی وہ باہر کی ٹیبل پر بیٹھے تھے۔
" اور بتاؤ تمہارا اور بلڈر کا جھگڑا کہاں تک پہنچا ہے ؟ " اس نے چائے پیتے ہوئے ملند سے پوچھا۔
" اب اس جھگڑے کے بارے میں کیا بتاؤں۔ جھگڑا دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اب تو وہ سالا دھمکیاں دینے لگا ہے۔ کل شام سات آٹھ غنڈوں کے ساتھ آیا تھا میں ان سب کو پہچانتا تھا۔ کہنے لگے کل تک سیدھی طرح جگہ خالی کر دے۔ ہم اس بلڈنگ میں دو سو اسکوائر فٹ کا فلیٹ تجھے بلا قیمت دے دیں گے۔ دوسو اسکوائر فٹ کا فلیٹ ، سالے جیسے مرغی کو رہنے کے لے ڈربہ دے رہے ہیں۔ فی الحال جتنی جگہ میں رہتا ہوں وہ دو ہزار اسکوائر فٹ سے کم نہیں ہو گی۔ دو ہزار اسکوائر فٹ جگہ کے بدلے دو سو اسکوائر فٹ جگہ دے رہے ہیں۔ جب میں نے وہ جگہ کرائے پر لی تھی آس پاس چاروں طرف جنگل تھا جنگل۔ اس وقت جگہ کے مالک نے مجھ سے ڈپازٹ کے طور پر پانچ ہزار روپے لئے تھے اور کہا تھا میں جتنی جگہ چاہوں استعمال کر سکتا ہوں۔ میں نے تھوڑی سی جگہ صاف کر کے ایک کمرہ بنایا تھا۔ رات بھر چاروں طرف سے ڈراؤنی آوازیں آتی تھیں۔ اور سانپ بچھو گھر میں گھس آتے تھے۔
مجبوری تھی نئی نئی نوکری تھی۔ سر چھپانے کے لئے جگہ چاہئے تھی۔ اس لئے میں اس جگہ رہتا تھا۔ وقت گزرنے لگا تو آس پاس اور بھی لوگ آ کر بسنے لگے۔ جنگل ختم ہوا۔ میں نے صاف صفائی کر کے اور ایک دو کمرے بنا لئے۔ مالک نے کرایہ سو روپیہ کر دیا میں باقاعدگی سے کرایہ دیتا تھا۔ اب جب کہ وہ جگہ آبادی کے وسط میں آ گئی ہے چاروں طرف بڑی بڑی بلڈنگیں بن گئی ہیں۔ زمین کی قیمت کروڑوں روپیہ ہو گئی ہے تو وہ جگہ خالی کرانا چاہتا ہے۔ اس جگہ بلڈنگ بنا کر اسے اونچی قیمت پر فروخت کرنا چاہتا ہے۔ "
" یہ کہانی تو ہر جگہ دہرائی جا رہی ہے۔ " امیت نے اسے سمجھایا تھا۔ " لیکن جہاں بھی پرانے کرایہ داروں کا نکال کر نئی بلڈنگ بنائی جاتی ہے۔ پرانے کرایہ داروں کو رعایتی قیمت پر ان کی جگہ دی جاتی ہے۔ "
" میرے مالک نے وہ جگہ کسی بلڈر کو دی ہے اور سنا ہے بلڈر بہت بڑا غنڈہ ہے اور وہ چاہتا ہے کہ اس کی دہشت سے میں چپ چاپ وہ جگہ خالی کر دوں لیکن اسے پتہ نہیں اس بار اس کا واسطہ ملند سے ہے۔ اس بار اسے اپنا طریقۂ کار بدلنا پڑے گا۔ میرے قبضے کی دو ہزار اسکوائر فٹ جگہ کے بدلے اگر وہ مجھے پانچ سو اسکوائر فٹ کا فلیٹ بھی دینے کے لئے تیار ہو جائے تو میں وہ جگہ خالی کر دوں گا۔ لیکن وہ غنڈہ گردی اور دہشت سے وہ جگہ خالی کرانا چاہتا ہے جو ممکن نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! "
ابھی ان کی گفتگو یہاں تک ہی پہنچی تھی کہ اچانک ریستوراں میں کچھ چیخیں گونجیں۔
انہوں نے ریستوراں کے دروازے کی طرف دیکھا۔
وہ کچھ غنڈے تھے جو ہاتھوں میں ہتھیار لئے ریستوراں میں داخل ہوئے تھے اور انہیں دیکھ کر لوگ چیخ اٹھے تھے۔
ان کے تیور سے ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ کسی کو ڈھونڈ رہے ہیں۔
" وہ رہا بھائی ! " اچانک ایک غنڈے نے ملند کی طرف اشارہ کیا۔
غنڈے کی یہ بات سنتے ہی اس شخص کا ہاتھ اوپر اٹھا۔ اس کے ہاتھ میں پستول تھی۔ اس نے ملند کے سر کا نشانہ لیا۔ ایک دھماکہ ہوا اور ملند کی چیخ گونجی۔
گولی ملند کے سر میں لگی تھی۔
دوسرا دھماکہ۔
اس بار گولی اس کے سینے پر لگی تھی۔
ملند منھ کے بل ٹیبل پر آ کر گرا تھا۔ اس کے سر اور سینے سے خون کا ایک فوارہ اڑا تھا اور اس کے کپڑوں پر خون کی ایک لکیر سی کھنچ گئی تھی۔
" نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! " اس کے ہونٹوں سے ایک چیخ نکل گئی۔
وہ پھٹی پھٹی آنکھوں سے کبھی ملند کو دیکھ رہا تھا کبھی ان غنڈوں کی طرف جو بڑے اطمینان سے ریستوراں ے دروازے سے نکل کر باہر کھڑی کار میں بیٹھ رہے تھے۔
اور پھر کار تیزی سے چلی گئی۔ ایک لمحہ کے لئے اس کی نظریں کار کی نمبر پلیٹ پر پڑی اور اس نے کار کے نمبر ذہن نشین کر لئے۔
کسی نے پولس کو اطلاع دی۔ پولس آئی اور اس نے جانچ شروع کر دی۔ اس قتل کا چشم دید گواہ وہی تھا۔ وہ ملند کے ساتھ تھا اس لئے پولس کے لئے سب سے اہم فرد وہی تھا۔
ابتدائی کاروائی کے لئے ملند کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی اور اسے بیان لینے کے لئے پولس اسٹیشن بلایا گیا۔ بیان لینے کے ساتھ ساتھ اس سے سینکڑوں سوالات کئے گئے۔
" کیا تم نے اس سے قبل کبھی قاتلوں کو دیکھا تھا ؟ "
" نہیں اس سے قبل تو انہیں کبھی نہیں دیکھا تھا ، لیکن جس شخص نے ملند پر گولی چلائی تھی اس کو بآسانی پہچان لوں گا۔ "
" تم کس بنا پر کہہ رہے ہو کہ تم اس کو بآسانی پہچان لو گے ؟ "
" اس کا حلیہ ایسا ہے کہ اس حلیہ کا آدمی لاکھوں میں آسانی سے پہچانا جا سکتا ہے۔ " یہ کہتے ہوئے وہ قاتل کا حلیہ بیان کرنے لگا۔
اسے کسی پر شک ہے کے جواب میں اس نے وہ ساری کہانی بیان کی جو ملند اسے سنا چکا تھا۔
اس درمیان پولس جا کر ملند کی بیوی اور گھر والوں کو بلا لائی تھی۔ انہوں نے رو رو کر پولس اسٹیشن سر پر اٹھا رکھا تھا۔ لیکن ان کی ذہنی حالت کا اندازہ لگائے بنا پولس اپنی کاغذی کاروائیاں مکمل کر رہی تھی۔
رات چار بجے اسے پولس اسٹیشن سے نجات ملی اور وہ گھر آیا تو رادھا اس کا انتظار کر رہی تھی۔
" اتنی رات گئے گھر آئے ہو ، کہاں رک گئے تھے ؟ میں ایک لمحہ کے لئے نہیں سو سکی۔ طرح طرح کے وسوسے مجھے بے چین کر رہے تھے۔ "
جواب میں اس نے ملند کے قتل کی کہانی سنائی۔
دوسرے دن ملند کی لاش اس کے گھر والوں کو ملی۔ ملند کی آخری رسوم میں بھی وہ شریک رہا۔
ملند کے والد کی حالت غیر تھی۔ وہ اپنی عمر سے کچھ زیادہ ہی بوڑھے لگنے لگے تھے۔
" میرے ملند کو اس مکان کے مالک نے مروایا ہے۔ وہ زبردستی یہ جگہ خالی کروانا چاہتا تھا اور ہم جگہ خالی نہیں کر رہے تھے۔ اس لئے اس نے ہمارے ملند کو مروا دیا۔ " یہ کہہ کر وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔
تیسرے دن پتہ چلا کہ پولس نے ملند کے مکان مالک کو پوچھ تاچھ کے لئے پولس اسٹیشن بلایا تھا لیکن بعد میں اسے یہ کہہ کر چھوڑ دیا کہ اس کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے۔ دوسرے دن اسے کسی کام سے پولس اسٹیشن طلب کیا گیا تو وہ انسپکٹر پر پھٹ پڑا۔
" آپ نے ملند کے مکان مالک کو صرف پوچھ تاچھ کے لئے پولس اسٹیشن بلایا اور یہ کہہ کر چھوڑ دیا کہ اس کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس قتل کے پیچھے اسی کا ہاتھ ہے۔ انسپکٹر صاحب ! یہ قتل اگر ملند کے مکان مالک نے نہیں کروایا تو پھر کس نے کروایا ؟ ملند کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ "
" اے زیادہ ہوشیاری مت مار ، کس کو گرفتار کرنا چاہیئے او رکس کو چھوڑ دینا چاہیئے تجھ سے زیادہ بہتر ہم لوگ جانتے ہیں وردی ہمارے جسم پر ہے تیرے جسم پر نہیں۔ ہمارا باس بن کر ہم کو حکم مت دے۔ " انسپکٹر نے کچھ ایسے لہجے میں کہا کہ اسے خون کا گھونٹ پی کر رہنا پڑا۔
دو دن بعد پولس کو وہ کار بھی مل گئی جس میں قاتل بھاگے تھے۔ شناخت کے لئے اسے بلایا گیا۔ اس نے ایک نظر میں ہی کار پہچان لی۔ کار ایک ویرانے میں ملی تھی۔ اور دو دن قبل چوری ہوئی تھی۔ اس کے مالک نے کار چوری ہونے کی رپورٹ لکھائی تھی۔ کار کی شناخت اور اس کے بیان میں رات کے دو بج گئے۔ جب وہ گھر آیا تو رادھا اس کا انتظار کر رہی تھی۔
" دیکھو تم میرے لئے بے کار پریشان ہو کر میرے آنے تک جاگتی رہتی ہو۔ " وہ اسے سمجھانے لگا۔ " پولس کا معاملہ ہے اس میں وقت لگتا ہے۔ اگر میں سات آٹھ بجے تک گھر نہیں آؤں تو تم سمجھ لینا کہ میں پولس اسٹیشن گیا ہوں آنے میں وقت لگے گا۔ "
" ایسا کب تک چلے گا ؟ "
" جب تک ملند کے قاتل پکڑے نہیں جاتے۔ " اس نے جواب دیا۔
ایک ہفتہ بعد وہ خود ہی پولس اسٹیشن پہنچ گیا۔ ملند کے قاتل کی تلاش کس مرحلے میں ہے پتہ لگانے کے لئے۔ جب اس سلسلے میں ملند کے قتل کی تحقیقات کرنے والے انسپکٹر سے پوچھا تو انسپکٹر بھڑک اٹھا۔
" پولس اپنا کام کر رہی ہے۔ اور وہ قاتل کو گرفتار کر لے گی۔ اس سلسلے میں تُو ہم سے پوچھنے والا کون ہوتا ہے ؟ ہمارا باپ یا کمشنر ؟ " انسپکٹر کے اس جواب سے وہ جل بھن گیا۔
ایک شام وہ آفس سے آ رہا تھا تو ایک ہوٹل کے باہر کھڑے ہوئے ایک شخص کو دیکھ کر وہ چونک پڑا۔ اس شخص کو وہ لاکھوں میں پہچان سکتا تھا۔ یہی ملند کا قاتل تھا۔ اس نے ملند پر گولی چلائی تھی۔
" باسٹرڈ ! میں تجھے زندہ نہیں چھوڑوں گا۔ " کہتے ہوئے وہ اس پر جھپٹا۔ غنڈے نے بڑی آسانی سے خود کو چھڑا کر اسے دھکا دے کر زمین پر گرا دیا اور اطمینان سے پاس کھڑی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر چلتا بنا۔ وہ ہکا بکا اسے جاتا دیکھتا رہ گیا۔ وہاں سے وہ سیدھا پولس اسٹیشن پہنچا۔
" انسپکٹر صاحب ! آپ بھی کمال کرتے ہیں، آپ کو ملند کا قاتل نہیں مل رہا ہے وہ سینہ تان کر شہر میں دندناتا پھر رہا ہے۔ ابھی مجھے وہ رائل ہوٹل کے باہر ملا تھا۔ "
" پھر تم نے اسے پکڑا کیوں نہیں ، وہ کس طرح بھاگ نکلا۔ کہیں تم نے تو اسے نہیں بھگایا ہے ، قاتل تمہارے سامنے تھا اور تم نہیں پکڑ پائے تم نے اسے بھگا دیا ، اس سے تو لگتا ہے تمہارا بھی اس قتل میں ہاتھ ہے۔ تم نے اپنی مدد کے لئے دوسرے لوگوں کو کیوں نہیں بلایا ؟ " الٹا اس پر سینکڑوں سوالوں کا حملہ ہو گیا اور اسے جواب دینا مشکل ہو گیا۔ اور اسے محسوس ہوا اس نے پولس اسٹیشن آ کر غلطی کی۔
اس کے بعد اس نے طے کیا کہ وہ خود سے کبھی پولس اسٹیشن نہیں جائے گا۔ وہاں جا کر اسے جو بے عزتی برداشت کرنی پڑتی تھی اب وہ برداشت کرنے کی اس میں قوت نہیں ہے۔ لیکن اس کے چاہنے سے کیا ہوتا ہے ؟
خود پولس ایک دو دن بعد اسے پولس اسٹیشن بلا لیتی اور گھنٹوں پولس اسٹیشن بٹھا کر رکھنے کے بعد دوچار اوٹ پٹانگ سوالات کر کے اسے چھوڑ دیتی تھی۔
وہ آفس پہنچتا تو سپاہی آ دھمکتے تھے اور کہتے تھے کہ صاحب نے اسے بلایا ہے اور مجبوراً اسے ان کے ساتھ جانا پڑتا تھا۔
ایک دو بار باس نے اسے بلا کر صاف کہہ دیا۔
" تم یا تو نوکری کرو یا پولس اسٹیشن میں رہو۔ یہ تمہارا بار بار پولس اسٹیشن آفس چھوڑ کر جانا مجھے بالکل پسند نہیں" اس سلسلے میں جب اس نے انسپکٹر سے بات کی تو انسپکٹر اس پر غصہ ہو گیا۔
" اے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! تُو نے ہی اپنے بیان میں لکھوایا ہے کہ تُو نے قاتل کو دیکھا ہے۔ تُو قاتل کو پہچان سکتا ہے اس لئے بار بار پولس اسٹیشن بلایا جا رہا ہے کہ ہم جو آدمی پکڑیں اس کی تجھ سے شناخت کرائی جا سکے۔ اگر تُو اپنا بیان بدل دے اور یہ کہہ دے کہ تُو نے قاتل کو نہیں دیکھا تُو اسے نہیں پہچانتا ہے تو ہم تجھے بلائیں گے ہی نہیں۔ تجھے ایک معمولی گواہ بنا کر تیرا معاملہ ختم کر دیں گے۔ "
اپنے ضمیر سے جنگ لڑنے کہ بعد اس نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنا بیان نہیں بدلے گا۔ وہی ملند کے قتل کا چشم دید گواہ ہے۔ قاتل کو پہچانتا ہے۔ اس کی گواہی قاتل کو اس کے کئے کی سزا دلا سکتی ہے اس کے لئے اسے یہ سب تو برداشت کرنا ہی پڑے گا۔
پولس اسٹیشن میں روز کی حاضری اس کا معمول بن گیا تھا۔ وہ خود کبھی پولس اسٹیشن نہیں جاتا تھا ہر بار اسے بلایا جاتا تھا۔ وہاں اس کے ساتھ ہر کوئی بد تمیزی سے پیش آتا ، اس کا مذاق اڑاتا اور اسے گھنٹوں پولس اسٹیشن میں بٹھا کر رکھا جاتا۔ اور پھر اسے کوئی چور اچکا دکھا کر پوچھا جاتا کہ یہ تو ملند کا قاتل نہیں ؟ جب وہ انکار کر دیتا تو اسے گھر جانے کی اجازت دے دی جاتی۔ اس درمیان ایک بار پھر اس سے ملند کا قاتل ٹکرایا تھا۔
قاتل نے روک کر اس سے بڑی دیدہ دلیری سے کہا تھا۔
" کیوں امیت صاحب ! میری شناخت کرنا چاہتے ہو ناں ؟ ارے پولس مجھے پکڑے گی ہی نہیں تو تم کہاں سے شناخت کر سکو گے۔ دیکھو میں کس دیدہ دلیری سے شہر میں گھوم رہا ہوں۔ پولس مجھے جانتی ہے لیکن مجھ کو گرفتار نہیں کر رہی ہے۔ کیونکہ میرا رسوخ بہت ہے۔ اس لئے میرا ایک ہی مشورہ ہے اس معاملے کو ختم کر دو۔ مجھے پہچاننے سے انکار کر دو اور اپنے بیان میں لکھ دو کہ تم قاتل کو نہیں پہچان سکتے۔ سارا معاملہ ختم ہو جائے گا۔ تمہیں بار بار پولس اسٹیشن نہیں بلایا جائے گا۔ "
اور وہ چلا گیا۔
اس دن جب اسے پولس اسٹیشن بلایا گیا تو وہ انسپکٹر پر برس پڑا۔
" انسپکٹر صاحب! آپ مجھے روزانہ قاتل کی شناخت کے لئے پولس اسٹیشن بلاتے ہیں اور مجھے معمولی چور اچکے بتا کر گھر واپس بھیج دیتے ہیں جبکہ اصلی قاتل اب تک آزاد ہے۔ وہ شہر میں دندناتا پھر رہا ہے مجھ سے مل کر دھمکیاں دے رہا ہے۔ پھر بھی آپ اسے نہیں پکڑ رہے ہیں۔ یہ کیا تماشہ ہے ؟ "
اس کی اس بات پر انسپکٹر نے اسے ایک گھونسہ رسید کر دیا۔
" حرامزادے ! پولس کے محکمے پر الزام لگاتا ہے۔ زیادہ بکواس کی تو ہڈی پسلی توڑ کر رکھ دوں گا تجھ سے جو کچھ کہا جا رہا ہے اس سے زیادہ مت بک زیادہ بک بک کی تو اندر کر دوں گا۔ "
وہ چپ ہو گیا۔
اس دن بھی اسے ایک معمولی چور دکھایا گیا اور گھر جانے کا حکم دے دیا گیا۔ وہ گھر واپس آیا تو سکتے میں تھا۔ وہ یہ کس پریشانی میں پڑ گیا ہے اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا۔ وہ رات بھر سو نہیں سکا۔ رادھا اس سے پوچھتی رہی کہ کیا بات ہے لیکن اس نے اسے کچھ نہیں بتایا۔ چپ چاپ صرف چھت کو گھورتا رہا۔
دوسرے دن اسے پولس اسٹیشن نہیں بلایا گیا۔ اس شام چھ بجے ہی وہ گھر آگیا اور کھانا کھا کر نو بجے ہی وہ سو گئے۔
رات میں دروازے پر دستک کی آواز سن کر اس کی آنکھ کھلی۔ رات کے بارہ بج رہے تھے۔ اتنی رات گئے کون گھر آ سکتا ہے ؟ سوچتے ہوئے اس نے دروازہ کھولا تو اس کا دل دھک سے رہ گیا۔ باہر آٹھ دس غنڈے کھڑے تھے وہ دندناتے ہوئے اس کے گھر میں گھس آئے ان غنڈوں کے ساتھ ملند کا قاتل بھی تھا۔ ان کو دیکھ کر رادھا کی چیخ نکل گئی۔
" اپنی بیوی سے کہہ کہ وہ چیخ پکار نہ کرے۔ ہم صرف دو باتیں کرنے آئے ہیں۔ دو باتیں کر کے ہم چلے جائیں گے۔ اگر وہ چیخی تو مجبوراً اس کا منھ بند کرنے کے لئے ہمیں کوئی قدم اٹھانا پڑے گا۔ "غنڈوں کا باس اس سے بولا۔ اس نے اشارے سے رادھا سے خاموش رہنے کو کہا۔
" امیت بابو ! تم ملند کے قتل کے کیس میں گواہی دے رہے ہو۔ کاہے کو اس جھنجھٹ میں پڑتے ہو۔ دیکھو یہ بہت برا شہر ہے ملند دن دہاڑے مار دیا گیا۔ اور اس کو مارنے والے ہم لوگ آج بھی آزاد ہیں۔ پولس ہم پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہیں کر رہی ہے اور کرے گی بھی نہیں۔ لیکن تمہاری گواہی اسے مجبور کر رہی ہے کہ وہ یہ ہمت کرے۔ اس لئے کاہے کو خواہ مخواہ ہم سے اور پولس سے دشمنی مول لے رہے ہو۔ بھول جاؤ کہ تمہارے سامنے ملند کا قتل ہوا تھا اور یہ بھی بھول جاؤ کہ تم نے اسے قتل کرتے کسی کو دیکھا ہے۔ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ ورنہ ملند کی طرح تمہارا بھی کسی سڑک پر قتل ہو جائے گا۔ تم اس شہر میں نوکری کرنے آیا ہے اگر تم مر گیا تو یہ تمہارا جو بیوی ہے دو دنوں تک اس کو پتہ بھی نہیں چلے گا کہ تم مر گیا ہے۔ تمہارے مرنے کے بعد یہ تمہارا بیوی اکیلا رہ جائے گا۔ یہ بہت بڑا شہر ہے یہ شہر اکیلی عورت کو ویشیا بنا دیتا ہے۔ یہ بہت بُرا شہر ہے چھوٹے آدمی کو اس شہر کے بڑے لوگوں کے لفڑوں میں نہیں پڑنا چاہیئے۔ دن بھر محنت کر کے ملنے والی دو روٹی کھا کر آرام سے سو جانے میں ہی بھلائی ہے۔ ہمارے جیسے لوگ اپنا کام کرتے رہتے ہیں اور ہمارے کام میں جو بھی ٹانگ اڑاتا ہے اس کا انجام ملند سا ہوتا ہے۔ ہمارا کچھ نہیں بگڑتا۔ اس لئے اب تم بھی ہمارے کسی کام میں ٹانگ مت اڑاؤ اور چپ چاپ سو جاؤ باقی سب ٹھیک ہو جائے گا۔ "
" چلو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! "
کہتے ہوئے اس نے اپنے آدمیوں کو اشارہ کیا اور سب چپ چاپ گھر سے باہر نکل گئے۔
رادھا سکتے میں کھڑی انہیں دیکھتی رہی اور پھر اچانک وہ آ کر اس سے لپٹ گئی اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ وہ اس کو سینے سے لگائے اس کے بالوں میں انگلیاں پھیرنے لگا۔
دوسرے دن شام پانچ بجے ہی دو کانسٹبل اسے بلانے آ گئے۔
" صاحب نے بلایا ہے۔ دو آدمی پکڑے ہیں شاید وہ ملند کے قاتل ہوں۔ تمہیں پہچاننے کے لئے بلایا ہے۔ "
وہ چپ چاپ ان کے ساتھ چل دیا۔
" آؤ امیت بابو ! آج کے بعد تمہیں ہم سے کوئی شکایت نہیں رہے گی۔ ہم نے دو آدمی پکڑے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ ان میں سے ایک ملند کا قاتل ہے۔ وہ قاتل کون ہے ؟ اب یہ تمہاری شناخت پر منحصر ہے۔ " انسپکٹر نے کہا اور سپاہی کو ان آدمیوں کو لانے کا اشارہ کیا۔
دو آدمی اس کے سامنے لائے گئے۔ ایک تو اجنبی تھا اور دوسرا ملند کا قاتل۔ وہ سکتے میں آگیا۔
" بتاؤ امیت ! کیا ان میں سے کوئی ملند کا قاتل ہے ؟ "
وہ پھٹی پھٹی آنکھوں سے ملند کے قاتل کو دیکھنے لگا۔
" بتاؤ امیت ! کیا تم انھیں پہچانتے ہو ؟ " انسپکٹر نے پھر پوچھا۔
" نہیں انسپکٹر صاحب ! میں انہیں نہیں پہچانتا۔ میں نے ان کو پہلے کہیں نہیں دیکھا۔ " وہ بولا اور پھر اچانک اپنے دونوں ہاتھوں سے اپنا چہرہ چھپا کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔

جلاوطن

ٹرین کے اس خصوصی ڈبے میں سو کے قریب افراد تھے۔ ان میں عورتیں بھی تھیں اور بچے بھی ، نوجوان بھی اور بوڑھے بھی۔ کچھ لوگوں کا سارا خاندان اس ڈبہ میں تھا۔ کچھ لوگوں کا خاندان تقسیم ہو گیا تھا۔
خاندان کے کچھ افراد اس ڈبے میں مقیّد سفر کر رہے تھے۔ ایک انجانی منزل کی طرف۔ کچھ افراد بمبئی میں ہی رہ گئے تھے۔
وہ اکیلا اس ڈبے میں تھا۔
اس کی سکینہ اور ببلو بمبئی میں ہی رہ گئے تھے۔ پتہ نہیں اس وقت وہ کیا کر رہے ہوں گے ؟
جب پولس اسے لے جا رہی تھی تب سکینہ کتنی رو رہی تھی گڑ گڑا رہی تھی۔ ایک سال کا ببلو سکینہ کو روتا دیکھ کر بے تحاشہ رونے لگا تھا۔ سکینہ پولس والوں کے ہاتھ پیر پڑ رہی تھی رو رہی تھی ، رحم کی بھیک مانگ رہی تھی اور کہہ رہی تھی۔
" میرے آدمی کو چھوڑ دو ، میرے آدمی کو مجھ سے جدا مت کرو۔ میں اس کے بنا نہیں رہ سکتی۔ " لیکن پولس نے اس کی ایک نہ سنی۔ آخر میں وہ اس وقت اس سے ملنے ریلوے اسٹیشن پر آئی تھی جب اسے معلوم ہوا تھا کہ اسے بنگلہ دیش لے جایا جا رہا ہے۔ اس وقت اسے ڈبے میں بند کر دیا گیا تھا۔
ڈبے کے دروازوں پر پانچ مسلح پولس پہرا دے رہے تھے۔ ڈبے میں بھی سات آٹھ مسلح پولس تھی۔ وہ کھڑکی کے پاس بیٹھا تھا۔ اور سکینہ کھڑکی کی سلاخ پکڑ کر دھاڑیں مار مار کر رو رہی تھی۔
" رحمن ! تم کہاں جا رہے ہو۔ مجھے چھوڑ کر کہاں جا رہے ہو ، میں تمہارے بنا نہیں رہ سکتی مجھے چھوڑ کر مت جاؤ ، ببلو تمہارے بنا کس طرح رہے گا۔ چھوڑ دو ظالموں میرے شوہر کو چھوڑ دو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! یہ بنگلہ دیشی نہیں ہے۔ یہ ہندوستانی ہے اس نے ہندوستان میں جنم لیا ہے۔ "
اس پر ڈبے کے پاس پہرہ دیتے ایک سپاہی نے اسے ایک زور دار دھکا دیا تھا اور سکینہ پلیٹ فارم پر جا گری تھی۔
اس کا خون کھول اٹھا تھا۔
" تیری تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! " اس کی آواز اس کے حلق میں ہی گھٹ کر رہ گئی تھی۔ کیونکہ ڈبے میں پہرہ دینے والے ایک سپاہی کی بندوق کی نال اس کی کنپٹی سے لگی ہوئی تھی۔ " چپ چاپ بیٹھ جا۔ زیادہ ہشیاری نہیں کرنے کا ، سالا زیادہ ہشیاری کیا تو اڑا دے گا کیا؟چیالا ! سوَتا لا دادا سمجھتوئے۔ " (خود کو دادا سمجھتا ہے ) اور وہ چپ چاپ اپنی سیٹ پر بیٹھ کر حسرت سے سکینہ کو دیکھنے لگا۔ سکینہ پلیٹ فارم پر بیٹھی دھاڑیں مار مار کر رو رہی تھی۔
پھر گاڑی نے سیٹی دی اور پلیٹ فارم پر دوڑنے لگی۔
سکینہ چونکی اور پھر اٹھ کر گاڑی کے پیچھے دوڑی۔
" ببلو کے ابا مجھے چھوڑ کر مت جاؤ۔ ببلو کے ابا مجھے چھوڑ کر مت جا ؤ۔ "
لمحہ بہ لمحہ وہ اس سے دور بہت دور ہوتی جا رہی تھی۔ گاڑی رفتار پکڑ رہی تھی اور پھر وہ اس کی نظروں سے اوجھل ہو گئی۔ اس کا ایک انجان منزل کی طرف سفر ہو گیا۔ وہ کہاں جا رہے ہیں انہیں اس بات کا بھی علم نہیں تھا۔ انہیں صرف اتنا پتہ چلا کہ انہیں اس ٹرین کے ذریعہ کلکتہ لے جایا جا رہا ہے۔ کلکتہ لے جا کر انہیں کلکتہ پولس کے حوالے کر دیا جائے گا اور پولس انہیں بنگلہ دیش کی سرحد میں ڈھکیل دے گی۔
یا پھر یہ بھی ممکن تھا انہیں کلکتہ پولس کے حوالے نہ کیا جائے اور ایک خصوصی بس کے ذریعہ بنگلہ دیش کی سرحد تک لے جا کر انہیں سرحد میں دھکیل دیا جائے۔ ڈبہ میں جو سپاہی تھے ان کی باتوں سے پتہ چلا کہ ہو سکتا ہے کلکتہ پہونچ کر طریقہ کار بدل دیا جائے۔
" ابھی تک ہم تم بنگلہ دیشی لوگوں کو کلکتہ پولس کے حوالے کر دیتے تھے اور وہ آگے کا کام کرتی تھی۔ مگر پتہ چلا ہے کہ کلکتہ پولس بھی تم لوگوں سے ملی ہوئی ہے جیوتی باسو تم لوگوں کا ہمدرد ہے۔ وہ لوگ جھوٹ جھوٹ پولس کو بتاتے ہیں کہ ہم بھارتی ہیں ہمیں بنگلہ زبان بولنے کی بنیاد پر بنگلہ دیشی قرار دے کر بمبئی سے نکالا گیا ہے تو وہ انہیں چھوڑ دیتی تھی۔ اور تم لوگ واپس بھی آ جاتے تھے۔ لیکن اس بار ہم تم لوگوں کو بنگلہ دیش کی سرحد میں دھکیل کر ہی واپس آئیں گے تاکہ تم لوگ پھر کبھی بمبئی واپس نہ آ سکو۔ اگر بھارت کی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کرو تو بی۔ ایس۔ ایف کی گولی کا نشانہ بن جاؤ۔
اسے بنگلہ دیش بھیجا جا رہا تھا۔ ایک ایسے ملک میں جسے اس نے آج تک نہیں دیکھا تھا۔ اسے اس ملک کا باشندہ قرار دے کر وہاں بھیجا جا رہا تھا۔
کیا وہ وہاں رہ پائے گا ؟ کیا وہ ملک اسے قبول کر پائے گا ؟ جبکہ اس کا اس ملک سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔ جب اسے اپنے ہم وطن غیر ملکی قرار دے رہے ہیں تو ایک غیر ملک کے لوگ اسے کیسے اپنا ہم وطن سمجھ سکتے ہیں۔
اس کا قصور کیا ہے ؟
اس کا قصور یہ ہے کہ اس کی مادری زبان بنگلہ ہے۔
اس کا قصور یہ ہے کہ وہ مسلمان ہے۔
اس کا قصور یہ ہے کہ وہ مغربی بنگال میں پیدا ہوا پلا بڑھا ہے۔
اس کا قصور یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو ہندوستانی ثابت نہیں کر پایا ہے۔ اس کی بدقسمتی یہ ہے کہ اس نے اپنے ہندوستانی ہونے کے جتنے ثبوت دئے انہیں قبول نہیں کیا گیا۔
وہ ایک ایسی منزل کی طرف بڑھ رہا تھا جو اس کی اپنی نہیں تھی۔ اس کے بارے میں اسے کچھ بھی نہیں معلوم تھا۔ اس منزل کے بارے میں تو اس نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔ اس منزل اور اس منزل کے بعد کے مستقبل سے وہ بالکل انجان تھا۔
وہ صرف اپنے ماضی کو جانتا تھا۔
اور اس کی نظروں کے سامنے اپنے ماضی کا ایک ایک لمحہ گھوم رہا تھا۔
دیناج پور سے بمبئی کے چیتا کیمپ تک زندگی کا ایک ایک لمحہ اسے یاد آ رہا تھا۔ اس نے ہوش سنبھالا تو خود کو مغربی بنگال کے چوبیس پرگنہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں دیناج پور میں پایا۔
اس نے صرف اپنی ماں کو دیکھا تھا۔ اس کی ماں کھیتوں میں کام کرتی تھی اور اس سے جو حاصل ہوتا تھا اس سے اپنا اور اس کا پیٹ پالتی تھی۔
گاؤں کے کنارے ان کی ایک چھوٹی سی جھونپڑی تھی وہ اس جھونپڑی میں رہتے تھے۔ اس کی ماں کی خواہش تھی کہ وہ پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بنے اور ان کے اچھے دن آئیں اس لئے وہ اسے باقاعدگی سے اسکول بھیجتی تھی۔
وہ اسکول جاتا تھا۔ پڑھنے لکھنے میں بہت ہوشیار تھا اس کا بھی دل چاہتا تھا کہ وہ خوب پڑھے اور پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بنے۔
گاؤں میں ساتویں تک ہی اسکول تھا۔ اس کی ماں کہتی تھی اگر وہ ساتویں کا امتحان پاس کر لے گا تو وہ اسے پڑھنے کے لئے شہر بھیجے گی۔
لیکن اس کی ماں کا خواب پورا نہیں ہو سکا اور اس کی بدقسمتی کا آغاز ہو گیا۔ ایک دن اس کی ماں کو سخت بخار آیا۔ دو دن تک اس کی ماں بخار سے لڑتی رہی اور تیسرے دن اس نے دم توڑ دیا اور وہ دنیا میں اکیلا رہ گیا۔
اس وقت وہ ساتویں جماعت میں تھا۔ اس کا دنیا میں کوئی نہیں تھا۔ جب سے اس نے ہوش سنبھالا تھا اسے باپ کی صورت دکھائی نہیں دی تھی۔ اس نے گاؤں والوں سے سنا تھا۔ جب وہ تین سال کا تھا تب اس کا باپ مرگیا تھا۔ اس کے باپ کا اس گاؤں میں کوئی رشتہ دار نہیں تھا۔ پتہ نہیں وہ کہاں سے آیا تھا اور اس گاؤں میں بس گیا تھا۔ ایک دن شہر گیا تو اپنے ساتھ اس کی ماں کو لے آیا اور گاؤں والوں سے کہنے لگا کہ یہ اس کی بیوی ہے اس نے اس کے ساتھ شہر میں بیاہ کیا ہے۔
پھر وہ پیدا ہوا اور جب تین سال کا ہوا تو اس کے باپ کا انتقال ہو گیا اور اب ماں کا۔ اس طرح وہ اپنے کسی رشتہ دار کے بارے میں کچھ نہیں جانتا تھا۔
وہ دنیا میں اکیلا رہ گیا تھا۔ اب اسے اپنی زندگی اکیلے ہی خود ہی کاٹنی تھی۔ زندہ رہنے کے لئے روٹی بہت ضروری تھی اور روٹی حاصل کرنے کے لئے کام کرنا بہت ضروری تھا۔ اس لئے وہ کام کرنے لگا اور کام کرنے کے لئے اسے اسکول کی پڑھائی چھوڑنی پڑی۔ وہ ماں کی طرح کھیتوں میں کام کر کے اپنا گزر بسر کرتا تھا لیکن کھیتوں کا کام سال بھر کہاں چلتا ہے۔
چھ مہینے کام ہے تو چھ مہینے نہیں۔
چھ مہینے جب کام نہیں ملتا تو بھوکوں مرنے کی نوبت آ جاتی۔ اس لئے جھنجلا کر اس نے سوچا کہ کوئی دوسرا کام کرنا چاہیئے۔ دوسرا کام گاؤں میں ملنا مشکل تھا۔ اس لئے وہ دوسرے کام کی تلاش میں شہر آیا۔
وہ کوئی دوسرا کام تو جانتا نہیں تھا اس لئے وہ کام سیکھنے لگا۔
اسے ایک موٹر گیریج میں کام مل گیا۔
وہ گیریج میں کام سیکھتا بھی تھا کام کرتا بھی تھا۔
اسے گیریج کا مالک دو وقت کا کھانا دیتا تھا اور خرچ کے لئے تھوڑے پیسے بھی۔ سونے کے لئے گیریج اتنا بڑا تھا کہ کسی بھی کونے میں اپنا بستر بچھا کر سو جاتا تھا۔
چار پانچ سالوں میں وہ بہت اچھا مکینک بن گیا۔
ایک دن اس کا گیریج کے مالک سے جھگڑا ہو گیا۔ گیریج کا مالک اس کی تنخواہ نہیں بڑھا رہا تھا اس لئے وہ اس سے الجھ گیا تھا۔
جھگڑے کے بعد اس نے وہ گیریج چھوڑ دیا اور کلکتہ چلا آیا۔
کلکتہ میں اس کی جان پہچان کا کوئی نہیں تھا۔ اس لئے دو چار دن یوں ہی اِدھر اُدھر بھٹکتا رہا
پھر آخر اسے ایک گیریج میں کام مل گیا۔
کلکتہ میں اس نے دو تین سال نکالے۔ اس نے سنا تھا کہ بمبئی میں بہت کام ہے اور بہت پیسہ بھی ہے۔ اچھے کاریگروں کی وہاں بہت قدر ہے اور اچھا پیسہ بھی مل سکتا ہے۔
اس لئے اس نے بمبئی جانے کی ٹھانی۔
اس کے ایک دو دوست اور بمبئی جا رہے تھے۔
وہ ان کے ساتھ بمبئی چلا آیا۔
بمبئی کلکتہ جیسا ہی بڑا شہر تھا لیکن کلکتہ سے زیادہ گنجان۔ اسے بمبئی میں بھی آسانی سے کام مل گیا۔ کیونکہ وہ اس درمیان بہت اچھا مکینک بن گیا تھا۔
وہ گیریج میں رہنے لگا اور پیسے بھی جمع کرنے لگا۔ اس کے پاس کچھ سالوں میں اچھے خاصے پیسے جمع ہو گئے۔ اس نے ان پیسوں سے چیتا کیمپ میں ایک جھونپڑا لے لیا۔
وہ جھونپڑا کس کی ملکیت ہے قانونی ہے یا غیر قانونی ہے اس نے اس کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔ وہ تو صرف اتنا جانتا تھا کہ جو شخص اس جھونپڑے میں اب تک رہتا ہے وہ اسے فروخت کر رہا تھا اس لئے اس نے اسے خرید لیا۔ جھونپڑا خریدنے کے بعد دل میں ایک ہی خواہش ہوتی۔
" اب شادی کر لینی چاہیئے۔ کیونکہ اب تو گھر ہو گیا ہے۔ بمبئی میں شادی آسانی سے ہو جاتی ہے مگر گھر آسانی سے نہیں ملتا لیکن اس کے پاس تواب گھر تھا۔
اور پھر اس کی سکینہ سے شادی ہو گئی۔
سکینہ کا باپ بھی اس کی طرح کسی گیریج میں کام کرتا تھا۔ اس کے ایک دوست نے سکینہ کے باپ سے اس کے رشتے کی بات کی سکینہ کے باپ نے دیکھا کہ لڑکا اچھا ہے ، کماتا ہے۔ رہنے کے لئے گھر بھی ہے۔ ایسے لڑکے آج کل اتنی آسانی سے کہاں ملتے ہیں۔
اس نے جھٹ ہاں کر دی اور ان کی شادی ہو گئی۔
کچھ دنوں میں ہی سکینہ اس کے دل میں اتر گئی۔
سکینہ بس ہنستی رہتی تھی اور اسے سکینہ کا ہنسنا بہت پسند تھا۔
اور سکینہ تو اس کی ہر بات پر ہنستی رہتی تھی۔
سکینہ خاص طور پر اس کی زبان پر بہت ہنستی تھی۔
سکینہ ناسک کی رہنے والی تھی اور ساتویں تک پڑھی بھی تھی۔ اس لئے اس کی اردو بہت اچھی تھی اور اردو کے اخبارات و رسائل پڑھ بھی لیتی تھی۔
اس کو اردو بالکل نہیں آتی تھی۔
بمبئی میں آنے کے بعد اس نے ٹوٹی پھوٹی اردو بولنا سیکھی تھی۔
وہ جب تک کلکتہ میں تھا اسے اردو کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی تھی۔ اس کی ماں بنگلہ بولتی تھی۔ اس کے لئے اس کی مادری زبان بنگلہ ہو گئی تھی۔
اسکول میں بھی وہ بنگلہ ہی پڑھا۔
کلکتہ میں جہاں اس نے کام کیا یا اس سے پہلے جہاں جہاں کام کیا اس کے سارے ساتھی بنگلہ بھاشی ہی تھے۔
اسے بنگلہ زبان سے بہت محبت تھی۔
بنگلہ پڑھنا وہ جانتا تھا اس لئے فرصت ملنے پر اکثر بنگلہ اخبارات اور رسالے پڑھا کرتا تھا۔
اس کو ٹیگور اور قاضی نذرالسلام کے کئی گیت یاد تھے۔
اس نے شرت چندر چٹرجی کے کئی ناول پڑھے تھے اور مہا شویتا دیوی سے سنیل گنگوپادھیائے کی کتابیں پڑھ چکا تھا۔
لیکن بمبئی میں آنے کے بعد ماحول بدل گیا تھا۔
جہاں اسے کام ملا تھا وہاں کوئی بھی بنگلہ نہیں جانتا تھا اس لئے ٹوٹی پھوٹی ہندوستانی سیکھنے لگا اور کام چلاؤ زبان سیکھ بھی گیا۔
سکینہ سے بات کرنے میں کبھی کبھی بڑا مسئلہ کھڑا ہو جاتا تھا۔
سکینہ کبھی کبھی اردو کا ایسا لفظ بول دیتی تھی کہ وہ اس لفظ کا مطلب ہی نہیں سمجھ پاتا تھا۔ یا سکینہ سے بات کرتے کرتے اس کے منہ سے کوئی ایسا بنگلہ لفظ نکل جاتا تھا کہ اس لفظ کا مطلب اسے سکینہ کو سمجھانا دشوار ہو جاتا تھا۔
سکینہ اکثر اس سے کہتی تھی۔
" رحمن یہ بنگلہ چھوڑو اور تم اردو پڑھنا لکھنا سیکھ جاؤ۔ میں تمہیں اردو سکھا دوں گی۔ "
" کیوں بنگلہ میں کیا برائی ہے۔ "
" اردو ہماری زبان ہے مسلمانوں کی زبان اسلام کا سارا مذہبی سرمایہ اس زبان میں ہے۔ "
" مسلمان بنگلہ بھی تو بولتے ہیں۔ مغربی بنگال کے زیادہ تر مسلمانوں کی مادری زبان بنگلہ ہے اور سارے بنگلہ دیش کے مسلمانوں کی زبان تو بنگلہ ہی ہے۔
اسے بنگلہ سے پیار تھا۔
اسے بمبئی میں بنگلہ رسالے اور اخبارات نہیں ملتے تھے۔ کبھی کبھی وہ صرف بنگلہ اخبار آنند بازار پتر یکا اور رسالہ دیش خریدنے وی ٹی آتا تھا۔ کیونکہ وہاں ملتے تھے۔
چیتا کیمپ میں بہت سے بنگالی تھے۔ ان میں سے کوئی اپنے گھر جاتا تو اس سے وہ کہتا کہ واپسی میں میرے لئے بنگلہ اخبارات اور کتابیں لانا نہیں بھولنا۔
وقت گزرتا گیا اس درمیان ببلو ان کے درمیان آگیا۔ ببلو کے آ جانے سے ان کی محبت اور زیادہ بڑھ گئی۔ اچانک ایک دن اسے اور سکینہ کو ایک نوٹس ملی۔
" تم ہندوستانی ہو اس بات کا ثبوت پیش کرو ورنہ ووٹنگ لسٹ سے تمہارا نام خارج کر دیا جائے گا۔ " اس طرح کی نوٹس اس کے علاقہ کے اور بھی کئی لوگوں کو ملی تھی۔ ہر کوئی اس نوٹس کی وجہ سے پریشان اور غصے میں تھا۔
" ہمارے پاس راشن کارڈ ہے۔ ہمارا نام ووٹنگ لسٹ میں شامل ہے پھر بھی ہم سے شہریت کا ثبوت مانگا جا رہا ہے ؟ ہم یہاں پیدا ہوئے ، پلے بڑھے ہیں۔ اس سے بڑھ کر ہماری شہریت کا اور کیا ثبوت ہو سکتا ہے ؟ "
نوٹس دیکھ کر سکینہ ڈر گئی تھی۔
" رحمن تمہاری مادری زبان بنگلہ ہے اور آج کل بنگلہ دیشیوں کی بمبئی میں موجودگی پر بہت شور شرابا مچا ہوا ہے۔ تم کو بھی نوٹس مل گئی ہے اگر تم نے خود کو ہندوستانی ثابت نہیں کیا تو مجھے ڈر ہے کہ کہیں تمہیں بنگلہ دیشی قرار دے کر ہندوستان سے نہ نکال دیا جائے۔ "
" کون مجھے ہندوستان سے باہر نکال سکتا ہے میں ہندوستان میں پیدا ہوا ہوں پلا بڑھا ہوں۔ "
" پھر اپنے ہندوستانی ہونے کا ثبوت دے دو ناں ! "
" میرے ہندوستانی ہونے کا ثبوت میری اسکول کا داخلہ ہے جس پر میری جائے پیدائش ہے اور وہ داخلہ حاصل کرنے کے لئے مجھے دیناج پور جانا پڑے گا۔ کون اتنی جھنجھٹ کرے گا۔ وہ لوگ میرا نام صرف ووٹنگ لسٹ سے ہی کاٹیں گے ناں ؟ بلا سے کاٹ دیں ؟ "
سکینہ نے اپنا اسکول کا داخلہ پیش کر کے خود کو ہندوستانی ثابت کر دیا۔ لیکن رحمن خود کو ہندوستانی ثابت نہیں کر سکا۔ اس کا نام ووٹنگ لسٹ سے کاٹ دیا گیا۔ اس نے اس کی پرواہ نہیں کی۔ الیکشن ہوئے۔ الیکشن میں رحمن ووٹ نہیں دے سکا۔ اسے اس کا دکھ بھی نہیں تھا۔

نئی حکومت تھی اور نئی حکومت نے سب سے پہلا لفڑہ بنگلہ دیشیوں اور غیر ملکیوں کو پندرہ دن کے اندر ہندوستان سے باہر کرنے کا لگایا۔ اور اس پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔ ایک رات پولس آئی اور اسے اٹھا کر لے گئی۔ اس پر الزام تھا کہ وہ بنگلہ دیشی ہے اور غیر قانونی طریقے سے ہندوستان میں اور بمبئی میں آیا ہے۔ وہ چیختا رہا چلاتا رہا۔ وہ ہندوستانی ہے لیکن کسی نے نہیں سنی۔
" تُو ہندوستانی کیسا رے۔ تُو بنگالی بولتا ہے۔ تیرے گھر سے بنگالی کتابیں اور اخبارات ملے ہیں نوٹس ملنے پر تُو نے خود کو ہندوستانی ثابت نہیں کیا۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ تُو بنگلہ دیشی ہے اس لئے اب تجھے تیرے وطن بنگلہ دیش پہونچانے کا کام ہمیں کرنا ہے۔ "
سکینہ بھی بہت گڑگڑائی کہ اس کا شوہر ہندوستانی ہے لیکن پولس نہ مانی۔ سکینہ نے اپنی ساری جمع پونجی ان کے سامنے رکھ دی کہ وہ اسے لے لیں اور رحمن کو چھوڑ دیں۔ اسے پتہ چلا تھا کہ پیسوں کے زور پر پولس نے بہت سے لوگوں کو چھوڑ دیا ہے۔
" ان لوگوں کو چھوڑا ہے جن کو چھوڑنے کے لئے سیاسی رسوخ آیا تھا۔ ٹھیک ہے ہم تیرے آدمی کو چھوڑ دیتے ہیں تُو بھی کسی سیاسی آدمی کا وسیلہ لا۔ اگر تُو یہ نہیں کر سکی تو ہم یہ پیسہ لے کر بھی تیرے آدمی کو نہیں چھوڑتے کیونکہ ہمیں اوپر سے جو آرڈر ملا ہے اس آرڈر کے مطابق کچھ لوگوں کو بنگلہ دیش میں بھیجنا ہی پڑے گا۔ " سکینہ کسی کا وسیلہ نہیں لگا سکی۔ اور رحمن کو بنگلہ دیشی قرار دے کر بنگلہ دیش بھیجنے کے لئے ٹرین میں سوار کر دیا گیا۔
اب وہ اپنے ہی ملک سے غیر ملکی بن کر ایک غیر ملک میں جا رہا تھا۔
اس کی جلاوطنی کا سفر شروع ہوا تھا۔

نقب

مضبوط بنیاد کے بنا اونچی عمارت تعمیر نہیں کی جا سکتی۔
جس عمارت کی بنیاد جتنی زیادہ مضبوط ہو گی اس کی اونچائی اتنی زیادہ ممکن ہے۔ سلیب کے لئے لوہے کی سلاخیں بہت ضروری ہیں۔
اچھے عمدہ مال کا استعمال ایک اینٹ کی دیوار کو بھی پختگی دے دیتا ہے۔ کالم کی مضبوطی پر عمارت کی مضبوطی منحصر ہوتی ہے۔
دلدلی علاقوں میں تعمیر ہونے والی عمارتوں کی بنیادیں کافی گہری ہونی چاہیئے۔ اسے ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے فن تعمیرات کے یہ سارے اصول آپ میں خلط ملط ہو کر نئے ضابطے مرتب کر رہے ہیں۔
کمزور بنیادوں پر بھی اونچی عمارتیں تعمیر کی جا سکتی ہیں۔
ضروری نہیں کہ عمارت کی تعمیر میں عمدہ سامان استعمال کیا جائے۔ عمارت تعمیر کرنے سے مطلب ہو تو اس عمارت کی حفاظت کی ذمہ داری عمارت کے مکینوں پر عائد ہوتی ہے۔
وہ سر پکڑے بیٹھا اپنے سامنے پھیلے کاغذ کو گھور رہا تھا۔ جس پر اس نے ایک نئی عمارت کا نقشہ بنایا تھا۔
نقشہ بڑا خوبصورت تھا۔ نیچے کے حصے میں دکانیں تھیں۔ ۲۰ ، ۲۵ دوکانیں۔ شہر کے جس حصے میں وہ عمارت بنائی جانے والی تھی اس حصے میں جو دکانوں کی قیمت رائج تھی اس کے حساب سے ایک ایک دوکان چار چار ، پانچ پانچ لاکھ سے کم میں فروخت نہیں ہو گی۔
ان دوکانوں کے اوپر تین منزلوں پر رہائشی فلیٹوں کی تعمیر کا منصوبہ تھا۔ ان فلیٹوں کی قیمتیں بھی دو سے تین لاکھ تک آسانی سے جائے گی۔
دوکانیں تو بڑے بڑے بزنس مین خرید لیں گے۔ ان میں بہت سے ایسے تاجر شامل ہوں گے جن کی شہر کے مختلف حصوں میں اور بھی دکانیں ہوں گی۔
ان لوگوں کے لئے اس علاقے میں نئی دوکان شروع کرنے کے لئے چار پانچ لاکھ روپوں کی سرمایہ کاری کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہو گا۔
کچھ ایسے ہوں گے جو پہلی بار کوئی دھندہ شروع کر رہے ہوں گے اور ان دوکانوں کی خرید کے لئے انہوں نے اپنی زندگی کی ساری کمائی اور بچت صرف کی ہو گی۔ کچھ لوگ ایسے ہوں گے جنہوں نے کئی جگہوں سے قرض لے کر ان دوکانوں کی قیمت ادا کی ہو گی۔
ان دوکانوں کے اوپر جو فلیٹ بنائے جائیں گے ان کو خریدنے اور ان کے مکینوں کی بھی اپنی الگ الگ کہانیاں ہوں گی۔
کچھ لوگ انہیں صرف ایک جوئے کے طور پر خریدیں گے۔ جس قیمت پر آج وہ فلیٹ خرید رہے ہیں اگر کل اس سے زیادہ قیمت آئے گی تو فروخت کر کے نفع کمائیں گے۔
کچھ لوگ دور دراز کے علاقوں سے اپنی گندی تنگ سی کھولیاں فروخت کر کے اس جگہ آ بسیں گے۔ ان فلیٹوں میں کچھ نوکری پیشہ افراد بھی آ بسیں گے جو اپنی ساری زندگی کی بچت اور اونچی سود کی دروں پر قرض لے کر ان کمروں کی قیمت ادا کریں گے اور پھر اس میں آ کر آباد ہونے کے بعد آدھی زندگی تک پیٹ کاٹ کاٹ کر اس قرض کی قسطیں اور سود ادا کریں گے۔
اگر اس عمارت کے تعمیر ہونے کے بعد اسے بھی کسی قانونی پیچیدگی کا سہارا لے کر مسمار کر دیا گیا تو ؟ یا زیر تعمیر عمارت کسی تضاد کا شکار ہو کر ادھوری رہ گئی تو؟ اسے لگا پھر ایک بار اس عمارت میں دوکانیں اور فلیٹ لینے والے آ کر اس کے سامنے کھڑے ہو جائیں گے۔
" روِش بھائی ! اس عمارت کا پلان آپ کا تھا۔ ہم نے تو صرف آپ کے پلان اور آپ کا نام ہونے کی وجہ سے اس عمارت میں مکان اور دوکانیں خریدی تھیں۔ کیا آپ کو اس عمارت کا پلان بناتے وقت ان باتوں کا پتہ نہیں تھا ، کیا آپ نے دانستہ ان باتوں کو نظر انداز کیا اور ہماری زندگی کی کمائی پر ڈاکہ زنی میں نمایاں رول ادا کیا ؟ " اس کا دل چاہا کہ اس کاغذ کو مروڑ کر پرزے پرزے کر دے مگر وہ ایسا نہیں کر سکا۔ اور کرسی سے پشت لگا کر بیٹھ گیا۔
آج کم سے کم دس افراد اس سے مل کر گئے تھے۔ ان دسوں افراد کی اپنی اپنی الگ کہانی تھی۔ ان کہانیوں کو سن کی وہ دہل اٹھا تھا۔ اس کی آنکھوں کے سامنے ان کے مسکین چہرے اور کانوں میں درد بھری فریادیں گونج رہی تھیں۔
" روِش بھائی ! میرا لڑکا تین سال سے گلف میں ہے۔ وہ آئندہ سال ملک واپس آ رہا ہے اس کا ارادہ دوبارہ واپس جانے کا نہیں ہے۔ اس کا ارادہ یہاں پر کوئی چھوٹی موٹی دوکان کھول کر بس جانے کا تھا۔ اس مقصد کے لئے میں نے بسیرا میں ایک دوکان بک کرائی تھی۔ اب تک اس نے جتنے پیسے روانہ کئے تھے سب اس دوکان کی خرید پر لگا دئے۔ دوکان کی پوری قیمت ادا کرنے کے لئے کچھ لوگوں سے قرض بھی لیا۔ یہ سوچ کر کہ بیٹا پیسہ روانہ کرے گا تو ان کا قرض ادا کر دوں گا۔ لیکن اب نہ تو بسیرا ہے اور نہ ہی وہ دوکان۔ میرے بیٹے کی تین سال کی محنت اور خون پسینے کی کمائی برباد ہو گئی۔ اب اس کا کیا ہو گا ؟ چار سال بعد وہ واپس ملک آئے گا تو پہلے کی طرح قلاش اور بے کار ہو گا۔ "
" روِش صاحب ! میں ایک نوکری پیشہ شخص ہوں۔ " اس کی آنکھوں کے سامنے ایک دوسرے فرد کا مسکین چہرہ ابھرا۔ " بسیرا میں ، میں نے فلیٹ بک کیا تھا۔ گذشتہ بیس سالوں کی ملازمت کے دوران جو بچت کر پایا تھا۔ سب اس فلیٹ کی قیمت ادا کرنے میں لگا دی پھر بھی قیمت پوری طرح سے ادا نہیں کر سکا تو ایک دو مقامی بینکوں اور کریڈٹ سوسائٹیوں سے قرض لے کر فلیٹ کی پوری قیمت ادا کر دی۔ یہ سوچ کر کہ بیس سال سے ایک تنگ کھولی میں اپنے خاندان کے ساتھ گزارہ کر رہا ہوں۔ اس فلیٹ میں آنے کے بعد اس تنگ کوٹھری سے تو نجات ملے گی۔ لیکن بسیرا مسمار کر دی گئی۔ اب بھی مقدر میں وہی کوٹھری ہے اور قرضوں کا بوجھ اس کے علاوہ۔ ساری زندگی کی کمائی تو لٹ ہی چکی ہے۔
ہر آدمی کی اپنی ایک الگ کہانی تھی۔
وہ ان لوگوں کی آنکھوں میں ان کی بے بسی اور ان کے خوابوں کے اجڑنے کا کرب بخوبی دیکھ سکتا تھا۔ وہ صرف فریاد کر رہے تھے اور اپنے اجڑنے کی کہانی سنا رہے تھے۔ اپنی بربادی پر آنسو بہانے کے علاوہ شاید ان کے پاس کوئی دوسرا راستہ بھی نہیں تھا۔
کوئی بھی جوش میں بھرا اس کے پاس نہیں آیا تھا۔ برباد ہونے کے بعد دوسرے کو برباد کرنے کا عہد کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ کسی کی آنکھوں میں انتقام کا شعلہ نہیں تھا۔ صرف بے بسی اور بے چارگی تھی۔ اور ان کی بے بسی اور بیچارگی کو دیکھ کر وہ دہل اٹھا تھا اور بار بار اسے احساس ہو رہا تھا کہ ان لوگوں کو صرف بابو بھائی نے برباد نہیں کیا ہے۔ ان کی بربادی میں اس کا بھی پورا پورا ہاتھ ہے۔ کچھ لوگوں نے صرف دبی آواز میں اس پر الزام لگایا تھا۔
" روِش بھائی ! آپ شہر کے مانے ہوئے آرکٹیکٹ ہیں۔ آپ کا نام ہی معیاری کام ، ایمانداری کی ضمانت ہے۔ بسیرا کا نقشہ آپ نے بنایا تھا۔ اس کی تعمیر میں آپ کا پلان ، آپ کے مشورے اور آپ کی رہنمائی شامل تھی۔ ظاہر سی بات ہے پلان بناتے وقت آپ نے اس عمارت کی تعمیر کے تمام قانونی پہلوؤں کو بھی اچھی طرح جان لیا ہو گا۔ اس عمارت کی تعمیر میں اب کوئی بھی غیر قانونی پہلو شامل نہیں ہو گا۔ جس کی وجہ سے ہم کسی مشکل میں پھنس جائیں۔ آپ کے نام نے ہمیں اس بات کی ضمانت دی تھی لیکن افسوس ہم دھوکہ کھا گئے۔ آپ نے ثابت کر دیا۔ پیسہ کے لئے آپ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ آپ کو ان باتوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے کہ آپ جس عمارت کی تعمیر کے لئے نقشہ بنا رہے ہیں ، جس عمارت کی تعمیر میں رہنمائی کر رہے ہیں وہ قانونی ہے یا غیر قانونی۔ آپ کو اپنے معاوضے سے مطلب۔ بن جانے کے بعد وہ غیر قانونی ثابت ہو کر ڈھا دی گئی تو آپ کو اس سے کیا لینا دینا ہے۔ آپ کو تو اپنا معاوضہ مل چکا ہے۔ اس عمارت کے ڈھائے جانے کے ساتھ کتنی زندگیوں سے کھلواڑ کیا گیا ہے اس سے آپ کو کیا لینا دینا ہے۔ بے وقوف تو وہ لوگ ہیں جو آپ کے نام کو معتبر سمجھ کر اعتبار کرتے ہیں اور دھوکہ فریب کھا کر اپنی ساری زندگی کی کمائی لٹا دیتے ہیں۔ "
ان لوگوں کی بات بالکل سچ تھی۔ اس عمارت کا نقشہ بناتے وقت اور اس کی تعمیر کے دوران رہنمائی کرتے وقت اس عمارت کے قانونی یا غیر قانونی ہونے کے بارے میں اس نے بالکل غور نہیں کیا تھا۔ صرف ایک نقطہ پر وہ ایک بار اڑا تھا۔
بابو بھائی ۱۰۰۰ میٹر کے پلاٹ پر ۸۰۰ میٹر کی عمارت تعمیر کرنا چاہتا تھا۔ یہ ناممکن ہے۔ ایک ہزار مربع میٹر زمین پر آٹھ سو مربع میٹر زمین کا پلان پاس ہوہی نہیں سکتا ہے۔ اتنے کم ایف۔ ایس۔ آئی پر عمارت کی تعمیر کی منظوری مل ہی نہیں سکتی۔
" انجنیئر صاحب ! آپ کا کام نقشہ بنانا ہے اور ضرورت پڑے تو عمارت کی تعمیر کے دوران رہنمائی کرنا ہے۔ پلان کس طرح پاس ہو گا اور کون پاس کرے گا یہ دیکھنا ہمارا کام ہے۔ آپ کو جس طرح کا پلان بنانے کے لئے کہا جا رہا ہے اسی طرح کا پلان بنائیے اور اپنا معاوضہ لیجئے۔ "
بابو بھائی نے اسے اپنے روایتی اکھڑ لہجے میں کہا تھا۔ اسے نہ تو بابو بھائی کی بات پسند آئی تھی نہ لہجہ لیکن اس بار بھی اس کا وہ دوست آڑے آیا تھا جو بابو بھائی کو اس کے پاس لایا تھا۔
" روِش ! تم ان باتوں کے پیچھے کیوں اپنا وقت ضائع کر رہے ہو۔ بابو بھائی کہہ تو رہے ہیں۔ وہ خود میونسپلٹی سے اس پلان کو منظور کرا لیں گے تمہیں پلان منظور کروانے کے لئے دوڑنا نہیں پڑے گا کہ اگر غلط پلان بن جائے تو پلان منظور نہیں ہو گا بار بار اس میں تبدیلی کرنی پڑے گی۔ "
" ٹھیک ہے ! آپ لوگ چاہتے ہیں تو میں آپ کی بتائی جگہ میں پلان بنا دوں گا" بابو بھائی کو وہ اچھی طرح جانتا تھا۔ ایک زمانے میں وہ شہر کا مشہور غنڈہ اور بدمعاش تھا۔ بعد میں وہ سیاست میں پڑ کر مقامی میونسپلٹی کا کونسلر بن گیا اور پھر سفید پوش بن کر بلڈر بن گیا۔ وہ بسیرا کے نام سے ایک عمارت بنانا چاہتا تھا جس میں دوکانیں اور مکان ہوں گے۔ اس عمارت کے پلان کے لئے وہ اس کے دوست کی معرفت اس کے پاس آیا تھا۔
اگر بابو بھائی اکیلا آتا تو شاید وہ بابو بھائی کے روئیے اور اس قانونی نقطہ کی بنیاد پر کام کرنے سے انکار کر دیتا۔ لیکن اپنے اس دوست کی دوستی کا لحاظ رکھتے ہوئے جس کی معرفت بابو بھائی اس کے پاس آیا تھا ، اس نے وہ کام کرنا منظور کر لیا تھا۔
اسے پتہ تھا بابو بھائی یا کوئی بھی جس طرح کا پلان منظور کرانے کے لئے میونسپلٹی میں جائے گا تو دنیا کی کوئی بھی میونسپلٹی اس پلان کو منظور نہیں کر سکتی ہے۔
اسے پلان بنانے کا معاوضہ تو مل ہی جائے گا پھر پلان منظور ہو یا نہ ہو اسے اس بات سے کیا لینا دینا ہے۔
زیادہ سے زیادہ اسے صرف ایک کام نہیں ملے گا وہ کام عمارت کی تعمیر کے لئے رہنمائی کرنے کا۔ اگر وہ کام اسے نہ بھی ملے تو اس کی صحت پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں تھا۔ ویسے بھی اس کے پاس اتنا کام تھا کہ وہ اور کام لے کر ذہن کا سکون اور چین کھونا نہیں چاہتا تھا۔ اس لئے اس نے بابو بائی کے کہنے کے مطابق بسیرا کا پلان بنا کر اس کے حوالے کر دیا۔
اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب اسے پتہ چلا کہ بسیرا کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا اور تعمیر کا کام شروع ہو گیا اور بابو بھائی نے اس تعمیر میں رہنمائی کے لئے اسے ہی پسند کیا ہے۔ وہ پلان کس طرح منظور ہوا ؟ اسے اس بات پر حیرت ہو رہی تھی۔ اس نے میونسپلٹی سے منظور شدہ پلان کی ایک کاپی بابو بھائی سے مانگی تو بابو بھائی نے اس سے صاف کہہ دیا۔
" روِش بھائی ! تم کو اس بات سے کیا لینا دینا ، تم تعمیر کے لئے رہنمائی کرو۔ " ویسے بھی وہ بابو بھائی سے الجھنا نہیں چاہتا تھا۔ وہ بابو بھائی کو اچھی طرح جانتا تھا اور اس کے دوست نے بھی اسے سمجھایا کہ وہ بابو بھائی سے کبھی نہ الجھے ، وہ اچھا آدمی نہیں ہے۔ خاص طور پر اپنے ساتھ الجھنے والوں کو کبھی نہیں بخشتا ہے۔ اس لئے اس نے بابو بھائی سے الجھنا چھوڑ کر اپنا کام شروع کر دیا۔
وہ روزانہ جس جگہ بسیرا تعمیر ہو رہا تھا وہاں جا کر معماروں کو مختلف ہدایتیں دیتا۔ کبھی اس کی ہدایتوں پر عمل کیا جاتا تو کبھی اس کی ہدایتوں کو نظر انداز کر کے اپنی مرضی سے کام کیا جاتا۔ وہ جب بھی اس طرح کا کوئی کام دیکھتا اپنا سر جھٹک دیتا اور یہ سوچتا۔
" اگر عمارت میں کوئی خامی رہ گئی تو اسے میونسپلٹی کا انجنیئر پاس ہی نہیں کرے گا۔ میں اس وقت بابو بھائی کو بتا ؤں گا کہ اس کے ذمہ دار وہ اور اس کے معمار ہیں جنہوں نے اس کی بات نہیں مانی تھی۔ "
بابو بھائی نے قریب ہی بابو کنسٹرکشن کے نام سے ایک آفس کھول لیا تھا۔ اس آفس میں بسیرا میں دوکانیں اور مکانات خریدنے والوں کی بھیڑ لگی رہتی تھی۔ کام تیزی سے ہو رہا تھا اور بابو بھائی تیزی سے دوکانوں اور مکانوں کا پیسہ بھی وصول کر رہا تھا۔ اگر کسی کی قسط دو تین دن بھی لیٹ ہو جاتی تو وہ اسے اس دوکان یا مکان سے بے دخل کر دینے کی دھمکی دیتا۔ اس سے ڈر کر بعد میں وہ آدمی اور دوسرے لوگ وقت پر قسطیں ادا کرتے۔
بسیرا کی تعمیر کچھ مقاموں پر بہت اچھی اس کی ہدایت کے مطابق ہو رہی تھی تو اور جگہوں پر نہیں اس کی وجہ سے اسے یقین ہو گیا تھا کہ عمارت پختہ نہیں بنے گی۔ جہاں خرچ زیادہ ہونے کا اندیشہ تھا وہاں خراب کام کر کے خرچ بچایا جا رہا تھا۔
جہاں کم خرچ میں اچھا کام ہو سکتا تھا وہاں اچھا کام کیا جا رہا تھا۔ عمارت کے جو فلیٹ اور دوکانیں تعمیر ہو گئیں تھیں ان کی پوری قیمت وصول کر کے بابو بھائی نے فراخدلی کا ثبوت دیتے ہوئے وہ دوکانیں اور مکان ان کے مالکوں کے حوالے کر دئے تھے۔ یہ کہتے ہوئے کہ وہ لوگوں کا نقصان نہیں چاہتا ہے۔ کام تو چلتا رہے گا۔ ضرورت مند یہاں آ کر رہ سکتے ہیں یا اپنا بزنس شروع کر سکتے ہیں۔ اس وجہ سے بہت سے لوگ آ کر وہاں رہنے بھی لگے تھے۔ اور کئی لوگوں نے اپنی دوکانیں بھی شروع کر دی تھیں۔
جس شخص کی زمین پر بسیرا تعمیر ہوئی تھی بابو بھائی نے نہ تو اس شخص سے وہ زمین خریدی تھی نہ اس سے اس زمین پر عمارت بنانے کے لئے کوئی معاہدہ کیا تھا۔ بابو بھائی نے جو معاہدے کی نقل لوگوں کو بتائی تھی جس کی رو سے اس نے اس زمین پر تعمیر کا کام شروع کیا سراسر جھوٹا تھا۔ اس کا بنایا پلان نہ تو میونسپلٹی میں داخل کیا گیا تھا نہ اس پلان کی منظوری لی گئی تھی۔ نہ عمارت کی تعمیر کے لئے میونسپلٹی سے قانونی طور پر منظوری لی گئی تھی۔ اپنے رسوخ اور پیسہ کی طاقت پر بابو بھائی نے متعلقہ محکمہ کے افسران کو خرید کر اس بات پر راضی کر لیا تھا کہ جب تک وہ عمارت پوری تعمیر نہیں ہو جاتی اور وہ اس عمارت کے خریداروں سے پوری قیمت وصول نہیں کر لیتا وہ آنکھ بند کئے بیٹھے رہیں گے۔ وہ بابو بھائی کی پوری رقم کی وصولی کے بعد جو چاہے وہ کاروائی کر سکتے ہیں۔
اور انہوں نے کاروائی کی۔ عمارت کو غیر قانونی تعمیر قرار دے کر ڈھا دیا۔ کل جہاں پر ایک بہت بڑی عمارت زیر تعمیر تھی۔ میونسپلٹی کی کاروائی کے بعد وہ جگہ ملبے کا ڈھیر بن گئی۔
میونسپلٹی کے غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کرنے والے دستے نے بسیرا کو منہدم ہو جانے کے بعد فرض شناسی کے لئے واہ واہی لوٹی۔ بسیرا منہدم ہو جانے کے بعد بھی بابو بھائی کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ وہ تو سارے پیسے وصول کر کرے کروڑوں کما چکا تھا۔
برباد تو وہ لوگ ہوئے جنہوں نے بسیرا میں مکان اور دوکانیں خریدی تھیں۔ وہ لوگ کس کے پاس فریاد لے کر جائیں کہ ان کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ ہوا ہے ، نقب زنی ہوئی ہے اور کس طرح دیدہ دلیری سے ان کی زندگی بھر کی گاڑھے پسینے کی کمائی کو لُوٹا گیا ہے۔ انہیں لُوٹنے والے ڈاکوؤں میں اگر بابو بھائی سرِ فہرست ہے تو وہ شخص بھی شامل ہے جس کی زمین پر اتنے دنوں تک اتنی بڑی عمارت تعمیر ہوتی رہی اور وہ چپ چاپ تماشائی بنا رہا۔
میونسپلٹی اور میونسپلٹی کا وہ عملہ بھی شامل ہے جو ایک غیر قانونی عمارت کو تعمیر ہوتے دیکھتا رہا۔ اور اس کے ساتھ وہ بھی شامل ہے۔ جس نے ایک غیر قانونی پلان بنایا اور پلان بنانے سے پہلے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ زمین مالک اور بلڈر کے درمیان عمارت کی تعمیر کے لئے کوئی معاہدہ یا خرید و فروخت ہوئی یا نہیں۔ تمام اصولوں کو مدِّ نظر رکھ کر پلان نہیں بنایا۔ ایک غیر قانونی عمارت کا پلان بنا۔
اور اپنے نام کی وجہ سے کئی لوگوں کو دھوکہ دے کر برباد کر دیا۔

معتوب

اس بازار سے گزرتے ہوئے اس کے قدم لڑکھڑا رہے تھے۔
اسے خدشہ محسوس ہو رہا تھا یہاں اس کے ساتھ وہی ہو گا جو ابھی تک اس کے ساتھ ہوتا آیا ہے۔ وہ اس طرف جانے سے کترا رہا تھا۔ اس نے بہت کوشش کی کہ اسے اس طرف جانے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ لیکن وہ اس طرف جانے کو ٹال نہیں سکا۔ خیال آیا کہ رکشہ یا کسی سواری کے ذریعہ اس بازار سے گزر جائے۔ لیکن وہ جس دور سے گزر رہا تھا ان حالات میں وہاں سے گزرنے کے لئے اسے سواری کرنے کی استطاعت نہیں تھی۔
اس کے ایک دوست کی بیوی کا انتقال ہو گیا تھا۔
اس کا وہ دوست اسی کے ساتھ کام کرتا تھا۔ دونوں کے بہت قریبی تعلقات تھے اس لئے اس دوست کی بیوی کے انتقال کی خبر سننے کے بعد پرسہ دینے کے لئے اس کے گھر جانا بھی ضروری تھا۔
وہ جانتا تھا دوست جہاں رہتا ہے اس راستہ میں وہ بازار پڑتا ہے۔ وہ ایک تنگ سڑک سی تھی جس کے دونوں طرف ہاکروں ، پھیری والوں نے اسٹال بنا رکھے تھے۔ ان چھوٹے چھوٹے لکڑی کے اسٹالوں پر ساری دنیا کی چیزیں بکتی تھیں۔ ان اشیاء میں کچھ غیر ملکی اشیاء بھی بکتی تھیں۔ کچھ غیر ملکی اشیاء کی نقل جو اصل کے نام پر اصل کی آڑ میں بکتی تھیں۔
اسٹالوں کی لمبائی چوڑائی بڑھتی ہی جاری تھی اور راستہ تنگ ہوتا جا رہا تھا۔ بڑی سواریاں تو اس سڑک سے گزر ہی نہیں سکتی تھیں۔ دوسری سواریوں والے بھی اس راستے سے جانے سے کتراتے تھے۔ وہاں سے گزرنے کے لئے وہ دور کا لمبا راستہ پسند کرتے تھے اور اسی راستے کو ترجیح دیتے تھے۔
ہر راہگیر کو اس بازار سے تکلیف تھی۔ ہر کوئی اس بازار کے خلاف آواز اٹھاتا تھا کہ اس بازار کی وجہ سے ٹریفک میں خلل آتا ہے اور وہاں سے گزرنے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ اس لئے غیر قانونی بازار کو صاف کر کے ٹریفک کی سب سے بڑی مشکل دور کی جائے۔
میونسپلٹی نے کئی بار اس بازار کو صاف کرنے کی کوشش کی تھی اس جگہ کو اجاڑنے میں کئی دشواریاں پیش آئی تھیں۔ بازار صاف بھی ہوا تھا لیکن دو دن کے بعد پھر بسنا شروع ہوا تھا اور آٹھ دن بعد پھر اپنی اصلی حالت میں واپس آگیا تھا۔
اس بازار کے سارے ہاکر اور دھندہ کرنے والے غنڈہ قسم کے لوگ تھے ان سے کوئی بھی الجھنے کی کوشش نہیں کرتا تھا۔
وہ کئی بار ان سے الجھ چکا تھا۔ لیکن وہ ان سے اس وقت الجھا تھا جب اس کے پاس قوت تھی۔ اب اسے وہاں سے گزرنا ہے۔
اگر انہوں نے اسے پہچان لیا تو ؟
وہ لوگ اسے پہچان تو لیں گے۔ بھلا وہ اسے کس طرح بھول سکتے ہیں۔ پہلے وہ آسانی سے ان کاسامنا کر لیتا تھا کیونکہ اس وقت اس کے پاس قوت تھی۔
لیکن اب وہ کس طرح ان کا سامنا کرے گا ؟
بس یہی سوچ کر اس جگہ سے گزرتے ہوئے اس کے قدم لڑکھڑا رہے تھے۔ آخر اس نے ہمت کر کے طے کیا کہ وہ تیز تیز قدم بڑھائے۔ مگر وہی ہوا جس کا اسے خدشہ تھا۔ ایک اسٹال والے کی نظر اس پر پڑی اور اس نے اسے پہچان لیا۔ اور آوازیں لگانی شروع کر دی۔
" ارے بھائیو ! دیکھو ، دیکھو ، ہمارے اس بازار میں کون آیا ؟ ہمارے اس بازار میں موپنار صاحب آئے ہیں۔ "
" موپنار صاحب ! کہاں ہیں موپنار صاحب ؟ "
سب چونک پڑے اور پھر چاروں طرف سے ان اسٹالوں پر دھندہ کرنے والوں نے اسے گھیر لیا۔
" نمستے موپنار صاحب ! "
" کہیئے کیسے آنا ہوا ؟ کیا دوبارہ ہمارے اسٹال توڑنے کے لئے آئے ہیں ، ارے آپ کے ساتھ آپ کے وہ کمانڈو باڈی گارڈ دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ نہ آپ کے ہاتھ میں وہ پستول ہے جو سرکار نے آپ کو اپنی حفاظت کے لئے ہم معصوموں پر گولیاں چلانے کے لئے دی تھی۔ آپ کے ساتھ آپ کا وہ وحشی خونخوار دستہ بھی نہیں ہے جو آن کی آن میں ہماری زندگی بھر کی کمائی یہ اسٹال اور ہماری روزی روٹی تہس نہس کر دیتا تھا۔ آج کس کے سہارے ہماری روزی چھیننے آئے ہیں ؟ "
" ارے آج یہ ہماری روزی کیا چھینے گا ؟ اس کی روزی تو کبھی کی چھینی جا چکی ہے۔ اب یہ صاحب نہیں ہے آفیسر نہیں ہے ایک معمولی آدمی ہے۔ اسے اس کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ معطل ہے کچھ دنوں میں نکال بھی دیا جائے گا سالے نے ہم پر بہت ظلم ڈھائے ہیں۔ آج موقع ہاتھ آیا ہے چاہو تو اس سے اس کے ایک ایک ظلم کا حساب لے لو۔ اس کی مدد کو کوئی نہیں آنے والا۔ "
" ارے یار ! مرے ہوئے کو کیا مارنا یہ تو پہلے ہی مارا جا چکا ہے۔ یہ سرکاری آفیسر ہیں ناں ، ان کا عہدہ ، ان کی کرسی ان کی زندگی ہوتی ہے۔ اسی عہدے ، کرسی کا وہ دل کھول کر ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ لیکن اس کرسی سے ہٹتے ہی ان کی زندگی کتوں سے بدتر ہو جاتی ہے۔ یہ موپنار بھی اب ایک کتے سے زیادہ نہیں ہے۔ سڑک کا ایک آوارہ کتا جسے جو چاہے مار سکتا ہے۔ "
" ارے جاؤ ! ہاجرہ خالہ کو بلا کر لاؤ۔ اس سے کہنا تمہارے بیٹے کا قاتل آیا ہے۔ بیٹے کی موت کے غم میں بے چاری پاگل ہو گئی ہے۔ اپنے معصوم بیٹے کے قاتل کو موت کی نیند سلا کر شاید اسے سکون مل سکے۔ "
چاروں طرف سے آوازیں آ رہی تھیں اور اس کا سارا جسم خوف سے کانپ رہا تھا۔ جسم کے کپڑے پسینے میں تر ہو رہے تھے۔ آنکھوں کے سامنے اندھیرا سا چھا رہا تھا۔ اسے اپنی موت اپنے سامنے رقص کرتی محسوس ہو رہی تھی۔ سچ مچ اس نے ان لوگوں کے ساتھ جو کیا تھا۔ یہ لوگ اس وقت آسانی سے اس کا بدلہ لے سکتے تھے۔ اسے موت کی میٹھی نیند سلا کر۔
سچ مچ اس وقت اس کی مدد کو کوئی بھی نہیں آنے والا تھا۔
اپنے انجام کے بارے میں سوچ سوچ کر ہی اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا رہا تھا۔ اچانک ایک بوڑھی عورت بھیڑ کو چیرتی ہوئی آگے بڑھی۔
" کہاں ہے میرے بیٹے کا قاتل ، کہاں ہے میرے بیٹے کا قاتل ؟ "
" خالہ ! یہ ہے تمہارے بیٹے کا قاتل۔ بہت دنوں کے بعد ہاتھ آیا ہے۔ آج تم اس سے اپنے بچے کی موت کا بدلہ لے سکتی ہو۔ ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ "
" ارے ظالم ! تجھے میرے معصوم اکلوتے بیٹے کو مار کر کیا ملا ، کیا بگاڑا تھا اس نے تیرا ، تیری اس سے کیا دشمنی تھی۔ تجھے دشمنی ان پھیری والوں سے تھی ناں تو ان کو گولی مارتا ؟ میرا بیٹا تو پھیری نہیں کرتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! وہ تو اسکول جاتا تھا اسکول۔ وہ میری زندگی کا آخری سہارا تھا پھر تُو نے کیوں اسے گولی ماری بول ، پھر تُو نے اسے کیوں گولی ماری ؟ "
بڑھیا اس سے لپٹ گئی اور گریبان پکڑ کر جھنجھوڑنے لگی۔
" جا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! تُو نے میری زندگی برباد کی۔ خدا تیری بھی زندگی برباد کرے گا۔ میں تجھ کو بددعا دیتی ہوں ، تُو نے میری زندگی کا سکون چھینا ہے۔ تجھے زندگی بھر سکون نہیں ملے گا ، تُو زندگی بھر سکون کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھائے گا ، جا چلا جا۔ میری آنکھوں سے دور ہو جا ظالم ، میری آنکھوں سے دور ہو جا۔ " یہ کہتی ہوئی بڑھیا روتی ہوئی واپس بھیڑ میں گم ہو گئی۔
" ارے اس کے ساتھ کیا ، کیا جائے ؟ ہاجرہ خالہ نے تو اسے چھوڑ دیا۔ "
" ارے جس کی زندگی اس نے چھین لی اس نے اسے چھوڑ دیا۔ تو ہماری حیثیت ہی کیا۔ اس نے تو جتنی بار ہمیں اجاڑا ہم آباد ہو گئے۔ پھر ہم اس سے کیا بدلہ لیں۔ میرے خیال میں اسے چھوڑ دیا جائے۔ " کوئی بولا۔
" ہاں ! ہاں۔ اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا جائے۔ " کہہ کر بھیڑ ایک طرف ہٹ گئی۔
" جائیے موپنار صاحب ! جہاں جانا ہے بے خطر جائیے۔ " کوئی بولا۔
چھٹتی بھیڑ دیکھ کر اس کی جان میں جان آئی۔
اس نے اپنے ماتھے پر آئے پسینے کو صاف کیا۔ پھولی ہوئی سانسوں پر قابو پایا اور پھر تیز تیز قدموں سے آگے بڑھ گیا۔
جہاں تک ان لوگوں اور اس علاقے کا تعلق تھا۔ اپنی دانست میں اس نے اس جگہ کے لئے سب سے زیادہ ایمانداری اور دیانت داری سے اپنے فرض کو ادا کیا تھا۔ بار بار اپنے دستے کے ذریعہ اس نے اس علاقے کے اسٹال توڑے تھے انہیں اجاڑا تھا۔ بار بار یہ لوگ دوبارہ اسٹال بناتے اور ہر بار یہ انہیں اجاڑتا۔
اس جگہ ایک بار اس پر قاتلانہ حملہ بھی ہوا تھا۔
ظاہر سی بات ہے جس کی زندگی لٹ رہی ہو بدلے میں وہ اس کے علاوہ کوئی قدم اٹھا ہی نہیں سکتا تھا۔ اس کی زندگی کو درپیش خطرے کو دیکھتے ہوئے سرکار نے اسے پستول اور دو باڈی گارڈ اور بے شمار پولس دی تھی۔
ایک بار اس جگہ اپنی حفاظت کے لئے اس نے گولی چلائی اور اس گولی سے اس پر حملہ کرنے والا تو نہیں مر سکا۔ مر گیا ایک معصوم بچہ۔
جو اس بوڑھی ہاجرہ کا تھا۔
اس کی گولی سے ایک بچہ مرا ہے اسے اس کا احساس تھا۔ اس کے علاوہ اس نے کبھی اس سے زیادہ سوچا بھی نہیں تھا۔
لیکن اس موت کے اتنے خوفناک اثرات ہونے ہوں گے اس نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔
سرکار نے تو اس بچے کے مرنے پر اس کے خلاف کوئی کاروائی بھی نہیں کی تھی۔ ہر کسی نے اس کو بے گناہ معصوم قرار دیا تھا۔ ہر کسی کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے فرض کو ادا کرتے ہوئے اپنی حفاظت کے لئے گولی چلائی ہے۔ اسے اپنی حفاظت کے لئے گولی چلانے کا حق ہے۔ سرکار اس سلسلے میں اس کے خلاف کاروائی نہ کرے۔
اس کی مخالفت میں اٹھنے والی آوازوں سے زیادہ اس کی حمایت میں اٹھنے والی آوازیں بلند تھیں۔ اس لئے اس کی مخالفت میں اٹھنے والی آوازیں دب کر رہ گئیں۔
اپنے دوست کو پرسہ دے کر جب وہ گھر آیا تو رات بھر چین سے سو نہیں سکا۔ ساری رات کروٹیں بدلتا رہا۔ نیند اس کی آنکھوں سے غائب رہی۔ وہ اس رات اپنے اوپر مسلط عذاب کو کچھ زیادہ ہی شدت سے محسوس کر رہا تھا۔
آج وہ بچ گیا۔ ممکن تھا آج ان بپھرے ہوئے لوگوں کے ہاتھوں اس کی موت ہو جاتی۔ یا بوڑھی جس کا جوان بیٹا اس کے ہاتھوں مارا گیا ہے بدلے میں اس کی جان لے لیتی۔ اگر وہ بھیڑ چاہتی تو بدلے میں اسے مار مار کر ادھ مرا ضرور کر سکتی تھی۔
آج وہ بچ گیا۔
لیکن آخر اس طرح کب تک بچتا رہے گا ؟
کیا اس کی قسمت میں اس طرح کسی دن کسی کے ہاتھوں ہلاک ہونا لکھا ہے ؟ لیکن آخر اسے یہ کس جرم کی سزا مل رہی ہے ؟ آج ساری دنیا اس کی دشمن کیوں ہے ؟
اس نے جو کچھ کیا اپنا فرض نبھاتے ہوئے کیا تھا۔ لیکن اس فرض کے نبھانے نے اس زمانے کو اس کا دشمن بنا لیا ہے۔
ابھی پرسوں کی بات ہے۔ ایک بلڈر نے اسے دھر لیا تھا۔
" موپنار صاحب ! یاد ہے آپ نے میری پوری بلڈنگ کو غیر قانونی قرار دے کر توڑ دیا تھا ، کیا ہوا ؟ میری وہ بلڈنگ تو دوبارہ بن گئی۔ میں نے اس بلڈنگ میں پہلے سے زیادہ پیسہ کما لیا ہے نقصان کس کا ہوا ؟ آپ کا ہی ہوا ناں ؟ میں نے تو اس بلڈنگ کو نہ توڑنے کے لئے آپ کو لاکھوں روپے کا آفر دیا تھا اور آپ نے اسے ٹھکرا دیا تھا۔ اگر آپ وہ آفر نہ ٹھکراتے تو فائدہ آپ کا ہی ہوتا۔ دیکھئے میں بڑا دل والا ہوں۔ میں نے آپ کو معاف کر دیا لیکن کئی لوگ آپ کو معاف نہیں کر سکتے جن کی عمارتیں آپ نے توڑی ہیں۔ وہ بدلے کی آگ میں سلگ رہے ہیں۔ اب تک انہوں نے آپ کے خلاف کوئی قدم اس لئے نہیں اٹھایا تھا کیونکہ آپ ایک بڑے سرکاری عہدے پر تھے۔ آپ کے ساتھ پوری سرکاری مشنری تھی۔ لیکن آج تو آپ کا سایہ بھی آپ کے ساتھ نہیں ہے جس سرکار کے لئے آپ نے یہ سب کیا اس نے آپ کی حفاظت کے لئے ایک پولس کا سپاہی بھی نہیں دیا ہے۔
وہ لوگ بدلے کی آگ میں جل رہے ہیں اور وہ آپ سے بدلہ لینے کے لئے کبھی بھی آپ کو کتے کی موت مار سکتے ہیں۔ اس لئے میرا آپ کو مشورہ ہے اگر آپ اپنی زندگی بچانا چاہتے ہیں تو یہ شہر چھوڑ کر چلے جائیں۔ اپنے گاؤں جا کر گمنامی کی زندگی اختیار کر لیں اسی میں آپ کی بھلائی ہے۔ جس نوکری سے آپ کو معطل کیا گیا ہے وہ نوکری آپ کو اب ملنے والی نہیں ہے۔ بلکہ سرکار تو آپ کے خلاف اقدامات کی فہرست تیار کر رہی ہے اور ممکن ہے کہ ان الزامات کو ثابت کر کے زندگی بھر کے لئے آپ کو جیل کی کالی کوٹھری میں بھیج دے۔ اس لئے آپ کی بھلائی اسی میں ہے کہ نوکری سے استعفیٰ دے دیں اور سارے معاملے کو ختم کر دیں۔
اس بلڈر کی بات بھی درست تھی۔ شہر کے کئی خونخوار بلڈر اس کے خون کے پیاسے تھے وہ کبھی بھی اس سے بدلہ لے سکتے تھے۔ اور کل تک سرکار نے اس کے جن کاموں کو فرض قرار دیا تھا آج انہیں جرم قرار دے کر اسے مجرم ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کچھ سیاسی لیڈروں نے اس کے عہدے کا فائدہ اٹھا کر اس پر سیاسی دباؤ ڈال کر کچھ ایسی بلڈنگیں تڑوائی تھیں جو قانونی تھیں۔ آج ان قانونی بلڈنگوں کو توڑنے کے الزام میں اس پر مقدمہ چلانے کے لئے اسے گرفتار کرنے کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔
اس نے اپنے عہدے پر رہتے ہوئے اپنی مرضی سے کام کم دوسروں کے حکم اور دباؤ میں زیادہ کام کئے تھے۔ کسی سیاسی لیڈر کا حکم آتا۔ " اس غیر قانونی بلڈنگ کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جائے۔ " اور وہ کاروائی نہیں کرتا۔
کبھی کسی کا حکم آتا۔ " اس شخص کی بلڈنگ توڑ دی جائے چاہے وہ قانونی ہو یا غیر قانونی۔ " وہ توڑ دیتا۔
کوئی سیاسی آقا اسے حکم دیتا۔ " جاؤ آج اس علاقے کو تاراج کر دو۔ " وہ اپنے دستے کے ساتھ جا کر اس علاقے کو تاراج کر دیتا۔
وہی سیاسی آقا اسے حکم دیتا۔ " اس علاقے میں قدم بھی نہیں رکھنا۔ " وہ چاہتے ہوئے بھی اس علاقے کی طرف نظر اٹھا کر نہیں دیکھتا تھا۔
اس سیاسی آقا کے لئے اس کے دل میں ہمدردی تھی اور اس کے اشارے پر وہ ہر کام کرتا تھا۔ چاہے وہ غلط ہو یا صحیح۔ جائز ہو یا ناجائز۔ کبھی اس نے اس بارے میں نہیں سوچا تھا۔ آقا کا ہر حکم بجا لاتا تھا۔ اور اس حکم کو بجا لانے میں اپنے رسوخ اور قوت کا بھرپور اور بے جا استعمال کیا تھا۔
لیکن آج وہ سیاسی آقا بھی اس کی کسی طرح سے مدد کرنے کو تیار نہیں ہے۔ وہ خاموش ہے اور کبھی کبھی تو اسے گالیاں دینے لگتا ہے۔
وہ چاہتا تو اس سیاسی آقا کو بھی دنیا کے سامنے ننگا کر سکتا تھا کہ اس کے اشارے پر اس نے کیسے کیسے گھناونے کام کئے ہیں۔
لیکن وہ مجبور تھا۔ اس کے خلاف زبان بھی نہیں ہلا سکتا تھا۔ کیونکہ وہ جانتا تھا اس آقا کی طاقت اتنی زبردست ہے کہ اس کے خلاف اس کے منھ سے اگر ایک لفظ بھی نکلا تو اس کے چیتھڑے اڑ جائیں گے۔
اسے ایک سیای لیڈر کے خلاف منھ کھولنے کی سزا مل رہی تھی۔ اس نے اس سیاسی لیڈر کے خلاف منھ کھولا تھا تو سچائی پیش کی تھی۔ کوئی الزام نہیں لگایا تھا نہ اس پر تہمت لگائی تھی۔
اور اس طرح کا بیان دیتے ہوئے اس نے اپنی دانست میں ایک فرض ادا کیا تھا۔ لیکن اس کا انجام کیا ہوا ؟
اس کی ہی مشنری اس کے خلاف حرکت میں آ گئی۔ اور اس کو چند وجوہات کا سہارا لے کر معطل کر دیا گیا۔ ا سکی ساری قوت اس کا عہدہ چھین لیا گیا۔ اسے مفلوج کر کے گھر بھیج دیا گیا۔
آج وہ اکیلا ہے کمزور ہے۔ اپنی خود کی حفاظت نہیں کر سکتا۔ اس کے چاروں طرف اس کے دشمن ہیں۔ جو دھیرے دھیرے اسے گھیر رہے ہیں۔ وہ اس کا کیا حشر کریں گے اس کا اسے اندازہ ہے۔
اس کا کوئی بھی ہم درد نہیں ہے ، کوئی جھوٹی ہم دردی بھی اس کے ساتھ جتانے کے لئے تیار نہیں ہے۔ اس کے اچھے کاموں کا کوئی بھی ذکر تک نہیں کرتا۔ ہر کوئی اس کے ظلم و ستم اور مظالم کا ذکر کرتا رہتا ہے اور اس کے فرائض کے انجام دینے کو بھی ظلم قرار دیتا ہے۔
اسے نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس نوکری کو دوبارہ حاصل کرنے کے لئے وہ لڑ رہا ہے۔ لیکن اسے خود یقین ہو چلا ہے کہ اب دوبارہ اسے وہ نوکری ، وہ عہدہ اور وہ قوت نہیں مل سکتی۔ اور جو الزامات اس پر لگا کر اس کے خلاف جو چارج شیٹ تیار کی جا رہی ہے۔ ہو سکتا ہے اس سے اسے سزا بھی ہو جائے۔
یہ سب اس کے ساتھ کس لئے ہو رہا ہے ؟
صرف اس لئے کہ اس نے پوری ایمان داری اور دیانت داری سے اپنا فرض انجام دیا تھا۔
صرف اس لئے کہ اس نے اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے اپنے عہدے کا ہر طرح سے جائز و ناجائز استعمال کیا تھا۔ اور جو انہوں نے چاہا تھا وہ کر کے دکھایا تھا۔
آج وہی آقا اس کے خلاف ہیں اور اسے سزا دلانے کے لئے کوشاں ہیں۔ کل تک وہ سب کے لئے عتاب تھا۔ جس پر چاہتا تھا عذاب بن کر نازل ہوتا تھا۔
آج و ہ خود معتوب ہے۔
ہر عذاب اس پر گر رہا ہے۔ وہ کئی عذابوں میں مبتلا ہے۔

چھت

گھر آ کر اس نے کپڑے اتارے بھی نہیں تھے کہ نسرین نے دبے لہجے میں آواز لگائی۔
" پانی آج بھی نہیں آیا۔ گھر میں پینے کے لئے بھی پانی نہیں ہے۔ " نسرین کی بات سنتے ہی جھنجھلا کر غصے سے اس نے نسرین کی طرف دیکھا پھر بے بسی سے پلنگ پر بیٹھ گیا۔
" اتنا بھی پانی نہیں ہے کہ آج کا کام چل جائے ؟ "
" نہیں۔ ۔ ۔ ! " نسرین نے دھیرے سے جواب دیا اور اپنا سر جھکا لیا۔ " اگر ایک کین بھی پانی مل جائے تو کام چل جائے گا۔ کل پانی ضرور آئے گا۔ اس وقت سامنے والی آبادی میں پانی آتا ہے۔ جھونپڑ پٹی کی دوسری عورتیں وہاں سے پانی لا رہی ہیں۔ "
" دوسری عورتیں وہاں سے پانی لا رہی ہیں لیکن تم نہیں لا سکتیں کیونکہ تم ایک وائٹ کالر جاب والے آدمی کی بیوی ہو۔ " اس نے سوچا اور پھر دھیرے سے بولا۔
" ٹھیک ہے کین مجھے دو میں پانی لاتا ہوں۔ "
آفس سے آیا تو اتنا تھک گیا تھا کہ اس کا دل چاہ رہا تھا وہ بستر پر لیٹ کر ساری دنیا سے بے خبر ہو جائے۔ لیکن نسرین نے جو مسئلہ پیش کیا تھا ایک ایسا مسئلہ تھا جس سے وہ دو دونوں سے آنکھ چرا رہا تھا۔ اور اب اس سے آنکھ چرانا نا ممکن تھا۔
اس گندی بستی کو جس پائپ لائن سے پانی سپلائی ہوتا تھا اس کا پائپ پھٹ گیا تھا اور تین دنوں سے نلوں میں پانی نہیں آ رہا تھا۔ شکایت کی گئی تھی لیکن جواب دیا گیا تھا کہ کام چل رہا ہے۔ کام ختم ہو جائے گا تو معمول سے ایک گھنٹہ زیادہ پانی دیا جائے گا۔ کام چیونٹی کی رفتار سے چل رہا تھا کب ختم ہو گا کوئی کہہ نہیں سکتا تھا اور کب پانی آئے گا کہا نہیں جا سکتا تھا۔
جھونپڑ پٹی کا معاملہ تھا۔ میونسپلٹی والے جھونپڑپٹی والوں کو پانی سپلائی کرنے کی ذمہ داری نبھانے کے تابعدار نہیں تھے۔ کیونکہ ان کی نظر میں وہ جھونپڑپٹی غیر قانونی ہے۔ اس جھونپڑ پٹی میں غیر قانونی ڈھنگ سے رشوت دے کر نل کے کنکشن دئے گئے ہیں۔ میونسپلٹی چاہے تو ان تمام کنکشنوں کو کاٹ کر پانی کی سپلائی بند کر سکتی ہے۔ لیکن انسانیت کے ناطے اس بستی کو پانی سپلائی کر رہی تھی۔ اس لئے اس بستی کے لوگوں کو میونسپلٹی والوں کا شکر گزار ہونا چاہئے۔ قانون کی زبان میں بات کرنے کے بجائے عاجزی سے درخواست کرنی چاہیئے۔ تب میونسپلٹی کے اعلیٰ افسران ان کی پریشانیوں کے بارے میں سنجیدگی سے غور کریں گے۔
ہاتھ میں بیس لیٹر پانی کا کین لے کر وہ کرانتی نگر کی پر پیچ گلیوں سے ہوتا سڑک پر آیا اور سڑک پار کر کے دوسری بستی میں۔ اس بستی میں وہ کوئی ایسا نل تلاش کرنے لگا جہاں اسے پانی مل سکے۔ ہر نل پر بھیڑ تھی۔ نلوں پر پانی بھرنے والی زیادہ تر کرانتی نگر کی عورتیں ہی تھیں۔
ایک نل پر اسے ایک شناسا عورت دکھائی دی۔ اس نے اس کا کین بھر دیا تو وہ کین اٹھا کر گھر کی طرف چل پڑا۔ بیس لیٹر کا کین اٹھا کر گھر کی طرف جانا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ بار بار ہاتھ شل ہو جا رہے تھے اور توازن بگڑ را رہا تھا۔ بگڑتے توازن سے ایسا لگتا جیسے وہ گر پڑے گا۔
جب بھی ایسی صورت حال اسے محسوس ہوتی وہ جلدی سے کین ہاتھ سے دوسرے ہاتھ میں لے لیتا۔ اس طرح شل ہوتے ہاتھ کو بھی آرام مل جاتا اور اس کا توازن بھی برقرار رہتا۔
خدا خدا کر کے وہ سڑک پار کرتا ہوا کرانتی نگر کی سرحد میں داخل ہوا۔ اب اس کین کو گھر تک لے جانا سب سے بڑا امتحان تھا۔ کرانتی نگر کی پر پیچ گلیاں ، جگہ جگہ بہتا گندی گٹروں کا پانی ، اونچے نیچے راستوں سے ہو کر گزرنا کسی کرتب بازی سے کم نہیں تھا۔ دل میں آیا کہ کین کو یا تو کاندھے پر رکھ لے یا پھر سر پر اٹھا لے لیکن خود اس بات پر شرما گیا کہ آس پاس کے لوگ اسے اس حالت میں دیکھیں گے تو ہنسیں گے۔
" انور صاحب کین سر پر اٹھا کے پانی بھر رہے ہیں۔ "
اس لئے اس نے کین ہاتھوں میں لے جانا ہی مناسب سمجھا۔
گندی گٹروں کے پانی اور اونچے نیچے تنگ راستوں پر وہ سنبھل سنبھل کر قدم رکھ رہا تھا۔ مگر ساری محنت بے کار گئی۔ اچانک ایک جگہ اس کا پیر پھسلا اور ہاتھ میں بیس لیٹر کا کین تھا وہ اپنا توازن برقرار نہیں رکھ سکا اور دھڑام سے گر گیا۔ جہاں وہ گرا تھا اس جگہ گٹر کا گندہ پانی ابل کر جمع ہوا تھا۔ وہ سارا بدبو دار گندہ پانی اس کے جسم اور کپڑوں سے لپٹ گیا۔
گرتے گرتے اس نے کین کو بچا لیا۔ اس وقت وہ پانی اس کے لئے اپنی جان سے بھی زیادہ قیمتی تھا۔ اس نے کین کو ایسے انداز میں اٹھائے رکھا کہ پانی نہ گر سکے اور وہ اس کوشش میں کامیاب رہا۔ واپس اٹھ کر اس نے پانی کا کین اٹھایا اور گھر کی طرف چل دیا۔ جسم کے کئی حصوں پر زخم آئے تھے اور وہ زخم انگارے بنے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود وہ کین اٹھائے آگے بڑھ رہا تھا۔
آس پاس کے لوگ اس کی حالت دیکھ کر ہنس دیتے اور اندازہ لگا لیتے کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ لیکن پھر بھی وہ خوش تھا۔ اسے اتنا پانی تو مل گیا کہ آج کا کام چل جائے گھر آ کر اس نے کپڑے بدلے اور نہانے کے لئے بیٹھا تو یاد آیا کہ اس کے نہانے کے لئے پانی کہا ں ہے۔ کفایت شعاری کا ثبوت دیتے ہوئے اس نے ایک دو لیٹر پانی سے اپنے جسم پر لگی گندگی صاف کی۔
رات میں اس پر دوہرا عذاب مسلط تھا۔ گرنے کی وجہ سے اس کے جسم پر جو خراشیں اور زخم آئے تھے وہ درد کر رہے تھے اور بجلی بھی نہیں تھی۔ گھر بھٹی بنا ہوا تھا۔ ہاتھوں سے پنکھا جھل کر وہ اور نسرین گرمی دور کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن پھر بھی آرام نہیں مل رہا تھا۔ گھبرا کر وہ دروازے کے باہر چادر بچھا کر لیٹ گیا۔ باہر اسے اندر کی بہ نسبت تھوڑا آرام محسوس ہوا۔ لیکن پاس کی گٹر کی بدبو اس کا دماغ پھاڑ رہی تھی اور بھنبھناتے مچھر اسے کاٹتے تو اس کے منھ سے سسکی نکل جاتی۔
بجلی کب آئے گی کچھ کہا نہیں جا سکتا تھا بجلی کے بنا نیند نہیں آئے گی۔ کل ڈیوٹی جانا ہے۔ اگر وہ ٹھیک طرح سے سو نہیں سکا تو بھلا پھر ڈیوٹی کس طرح انجام دے گا۔
یہ کوئی نئی بات نہیں تھی۔ اکثر آدھی رات کو بجلی چلی جاتی تھی اور اسے اسی عذاب کو برداشت کرنا پڑتا تھا جس عذاب میں وہ اس وقت مبتلا تھا۔ آنکھوں میں ساری رات گزر جاتی تھی۔ لیکن بجلی نہیں آتی تھی۔ سویرا ہو جاتا تو ڈیوٹی پر جانے کی تیاریاں کرنی پڑتی۔ آنکھیں نیند سے بوجھل ہوتیں لیکن سو نہیں سکتے تھے کیونکہ ڈیوٹی جانا تھا۔ آفس آتا تو نیند سے پلکیں بوجھل ہونے لگتیں ، کوئی کام نہیں ہوتا اور غلط سلط کام ہوتے تو باس کی ڈانٹیں سننی پڑتیں۔
نسرین نے ویسے تو اس سے کبھی سوال یا شکایت نہیں کی تھی کہ اس نے کرانتی نگر میں ہی گھر کیوں لیا ہے۔ کیونکہ وہ اس کی مجبوری جانتی تھی۔ اسے موجودہ حالات میں کرانتی نگر کے علاوہ کہیں گھر مل ہی نہیں سکتا تھا۔ کیونکہ اس میں کرانتی نگر کے علاوہ کہیں اور گھر لینے کی مالی استطاعت نہیں تھی۔
کبھی سوچتا کہ اس نے شادی کرنے میں جلدی کر کے غلطی کی کرانتی نگر میں گھر لے کر کوئی غلطی نہیں کی ہے۔ شادی دیر سے کرتا تو ان پریشانیوں کا سامنا تو نہیں کرنا پڑتا۔ نوکری ملی تو سب سے پہلا مسئلہ ایک چھت کا پیدا ہوا۔ ایک چھت کی شدت سے ضرورت محسوس ہوئی جس کے نیچے سر چھپا سکے۔ دو چار دن اِدھر اُدھر گزار کر چھت کی تلاش شروع ہوئی۔ اسے محسوس ہوا نوکری اسے جتنی آسانی سے مل گئی تھی چھت اسے اتنی آسانی سے ملنی ممکن نہیں تھی۔
شہر میں اس کی طرح ہزاروں لاکھوں لوگ چھت کے متلاشی ہیں اور وہ چھت کے لئے ہزاروں لاکھوں روپے دینے کو تیار ہیں۔ لیکن اس کی استطاعت کے مطابق کرانتی نگر میں ہی چھت مل سکی۔
کرانتی نگر ایک جھونپڑپٹی تھی۔ کسی کی زمین پر ایک دادا نے ناجائز قبضہ کر کے لکڑی کے ٹکڑوں ، پتروں سے کئی جھونپڑے بنائے تھے اور انہیں کرائے پر دے رکھا تھا اور ان کا کرایہ وصول کرتا تھا۔ وہ جھونپڑپٹی غیر قانونی تھی اور کبھی بھی ٹوٹ سکتی تھی۔ لیکن داؤد بھائی کا کہنا تھا کہ میں گذشتہ پانچ سالوں سے یہاں رہ رہا ہوں اور پانچ سالوں سے سن رہا ہوں کہ جھونپڑپٹی ٹوٹنے والی ہے مگر ابھی تک نہیں ٹوٹ سکی اور اب مجھے یقین ہے آئندہ دس سالوں تک یہ جھونپڑپٹی نہیں ٹوٹ سکتی۔
اس نے کرانتی نگر میں کھولی داؤد بھائی کے ذریعے حاصل کی تھی۔ داؤد بھائی کی کرانتی نگر میں کرانے کی دوکان تھی کسی نے اس سے کہا تھا کہ اگر اسے کرانتی نگر میں کھولی چاہیئے تو داؤد بھائی سے مل لینا وہ سب کچھ کر دیں گے۔
وہ داؤد بھائی سے ملا اپنا تعارف کرایا اور اپنا مسئلہ پیش کیا۔ " آپ اس علاقے میں روم چاہتے ہیں ، روم تو مل جائے گا۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ علاقہ آپ کے لئے مناسب نہیں ہے۔ میں آپ کی مجبوریوں کو سمجھتا ہوں۔ مجھے علم ہے آپ کس مجبوری کے تحت اس جھونپڑپٹی میں کھولی لے رہے ہیں۔ آپ جیسے کئی لوگ اس سے قبل اسی مجبوری کے تحت یہاں سال دو سال رہ کر گئے ہیں۔ سال دو سال میں ان کے پاس پیسہ جمع ہو گیا انہیں اچھی جگہ اس سے اچھا روم مل گیا پھر وہ یہ بستی چھوڑ کر چلے گئے۔ انور بھائی آپ گھبرائیے نہیں۔ آپ بھی ایسا کیجئے۔ ابھی وقتی طور پر یہ روم لے لیجئے۔ بعد میں اس سے اچھا روم مل جائے گا تو اسے چھوڑ دیجئے۔ "
دس ہزار روپے ڈپازٹ اور ڈھائی سو روپے مہینہ پر اسے ۱۰ x ۱۲ کا ایک کمرہ ملا جس کی چھت پترے کی تھی۔ نل اور بجلی کا اس میں انتظام تھا۔ دس ہزار روپے اس نے گھر والوں سے قرض کے طور پر حاصل کئے اور کمرہ لے لیا وہ کمرہ لے کر وہاں رہنے لگا تو اسے وہاں پر کچھ بھی اجنبی نہیں لگا۔ ویسے بھی وہ سویرے جو آفس جاتا تو شام کو ہی گھر آتا تھا۔ اپنی چھت کے نیچے سر چھپانے کے لئے۔ دن بھر وہاں کیا ہو رہا ہے۔ اسے کچھ پتہ نہیں چلتا تھا۔ رات میں کبھی کبھی آس پاس کے لوگوں کے ساتھ ایک آدھ گھنٹہ بیٹھ کر بستی کی خیر و خبر معلوم کر لیتا۔ یا بستی میں ہونے والے جھگڑوں کو تماشائی بن کر دیکھ لیتا تھا۔
کبھی پانی کی گٹر پر سے بھیکو اور چندو کا جھگڑا ہو گیا۔ کبھی بھولو دتا رام سے بلاوجہ الجھ گیا۔ کبھی دشرتھ رات میں شراب پی کر آیا اور اس نے ساری بستی کو سر پر اٹھا لیا۔ کاشی رام کی بیوی کو جادھو نے چھیڑا تھا اس لئے غصے میں کاشی رام نے جادھو کو استرا مار دیا۔ دھوترے کی بیوی اپنے سے دس سال چھوٹے لڑکے کے ساتھ بھاگ گئی۔ واگھمارے کی بیوی کالو کے بستر میں رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔ شراب کے نشے میں دھت اشوک سریش کے گھر میں گھس گیا اور اس کی بیوی کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
وہ ساری باتیں بڑی دلچسپی سے سنتا اور ان سے لطف اندوز ہوتا تھا۔ اس کا اس جگہ دل لگ گیا تھا۔ پھر گھر والوں کو اس کی شادی کی سوجھی اور وہ بھی شادی کے لئے تیار ہو گیا۔ گھر والوں کا خیال تھا کہ وہ کب تک ہوٹل میں کھاتا رہے گا۔ بیوی گھر آ جائے گی تو یہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا اور اسے اس اجنبی شہر میں ایک ساتھی مونس و غمخوار بھی مل جائے گا۔
شادی ہو گئی۔ نسرین گھر میں آئی اور جیسے اس پر مسائل نے ایک ساتھ حملہ کر دیا۔ شادی کے بعد اسے معلوم ہوا تھا کہ بستی میں کبھی کبھی تین تین دنوں تک پانی نہیں آتا ہے۔ اور بستی کے لوگو ں کو پانی کے لئے مارے مارے پھرنا پڑتا ہے۔
مٹی کا تیل کتنی مشکلوں سے ملتا ہے۔ اس سے تو اسٹو جلتا ہے جس پر کھانا پکتا ہے۔ اگر وہ نہ ملے تو اسٹو نہیں جل سکتا اور کھانا بھی نہیں پک سکتا تھا اور نمک لانے کے لئے داؤد بھائی کی دوکان تک جانا پڑتا ہے۔ اگر تازہ سبزیاں چاہیئے تو سبزیاں لانے کے لئے شہر میں سبزی مارکیٹ تک جانا پڑتا ہے۔ سبزی مارکیٹ میں ہی تازہ سبزیاں ملتی ہیں۔ کرانتی نگر میں جو سبزیاں ملتی ہیں وہ باسی اور مہنگی ہوتی ہیں۔ اگر اچانک کوئی بیمار ہو جائے تو دن میں بھی کرانتی نگر میں ڈاکٹر نہیں ملتا ہے۔ ڈاکٹر کے لئے شہر جانا پڑتا ہے۔ دن میں شرابی آوارہ بدمعاش گھروں میں گھس جاتے ہیں اور گھر کی عورتوں کو چھیڑتے ہیں۔ غنڈے بدمعاشوں کی تلاش میں کبھی کبھی پولس بستی میں آتی ہے تو بستی کی عورتوں کے ساتھ نازیبا برتاؤ کرتی ہے۔
ان تمام مسائل میں سے کچھ کے حل نکل آئے تھے کچھ کے حل باقی تھے۔ جب کبھی نسرین اسے بتاتی کہ آج ایک شرابی گھر میں گھس آیا تھا تو وہ سر سے پیر تک پسینے میں نہا جاتا تھا۔ اس کا حل تو نکل آیا تھا۔ اس نے آس پاس کی عورتوں کو کہہ دیا تھا کہ اس کی غیر موجودگی میں وہ نسرین کا خیال رکھیں۔ وہ اتنی مخلص تھیں کہ نسرین کی ایک آواز پر دوڑی آتی تھیں۔ اس طرح نسرین کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا تھا۔
زندگی کسی طرح طرح گزر رہی تھی کہ اچانک ایک نئی مصیبت کھڑی ہو گئی۔ جس شخص کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کر کے وہ جھونپڑا بستی بسائی تھی۔ اس کے غنڈے آ کر لوگوں کو تنگ کرنے لگے کہ وہ لوگ جھونپڑے خالی کر دیں ورنہ وہ ان کے ساتھ سختی سے پیش آئیں گے۔ اس شخص نے شاید میونسپلٹی والوں کو بھی ہموار کر دیا تھا۔ اس لئے اکثر میونسپلٹی کے چھوٹے بڑے آفیسر ، ملازمین آ کر بستی والوں کو دھمکیاں دیا کرتے تھے کہ وہ بستی خالی کر دیں۔ کیونکہ یہ ایک ناجائز بستی ہے۔ میونسپلٹی کبھی بھی آ کر اس بستی کو بل ڈوزر سے مسمار کر دے گی۔ بستی میں زیادہ تر جاہل ان پڑھ لوگ تھے۔ جو قانون کی زبان نہیں سمجھتے تھے اور جو پڑھے لکھے تھے اس جھمیلے میں پڑنا نہیں چاہتے تھے۔
اسے بھی فکر لاحق ہونے لگی کہ اگر کسی دن میونسپلٹی نے بستی توڑ دی تو اس کے دس ہزار روپے ڈوب جائیں گے جو اس نے ڈپازٹ کی صورت میں دئے ہیں۔ اس سلسلے میں داؤد بھائی سے بات کی تو داؤد بھائی نے اسے سمجھایا۔ " دیکھئے آپ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جس شخص نے آپ سے ڈپازٹ لیا ہے جو کرایہ وصول کرتا ہے اور جس نے یہ بستی بسائی ہے وہ بھی مانا ہوا غنڈہ ہے۔ زمین کے مالک کے چھوڑے ہوئے غنڈوں سے وہ نپٹ لے گا۔ جہاں تک میونسپلٹی والوں کا سوال ہے ان کو اس طرح کی قانون کی زبان استعمال کرنے کا حق نہیں ہے۔ کیونکہ یہ جھونپڑپٹی نجی زمین پر آباد ہے سرکاری زمین پر نہیں ہے۔ اس لئے میونسپلٹی اسے توڑ نہیں سکتی پھر جس میونسپلٹی کے ملازمین نے رشوت لے کر اس بستی کے نل کنکشن دئے۔ بجلی کے کنکشن دئے وہ قانون اور غیر قانون کی بات کس طرح کر سکتے ہیں۔ داؤد بھائی کی بات اس کی سمجھ میں آ گئی تھی۔ داؤد بھائی نے تو یہاں تک کہا تھا کہ اگر آپ کو شک ہے تو آپ اپنے ڈپازٹ کا پیسہ واپس لے کر کھولی خالی کر دیں۔
وہ کھولی خالی نہیں کر سکتا تھا۔ کیونکہ دوسری جگہ گھر کا انتظام ناممکن تھا اس کے پاس اتنا پیسہ نہیں تھا۔ پھر وہ اپنے آپ کو اس چھت کے نیچے بہت محفوظ سمجھتا تھا۔ وہ اپنے لئے اتنی جلدی دوسری چھت کا انتظام نہیں کر سکتا تھا پھر بھلا یہ چھت کس طرح چھوڑ سکتا تھا۔
ان مسائل کو دیکھتے ہوئے اس نے طے کر لیا تھا کہ وہ اب جلد ہی یہ جگہ چھوڑ دے گا۔ یہ جگہ اس کے جیسے شریف آدمی کے لائق نہیں ہے۔ اس نے دوسری جگہ تلاش کرنی شروع بھی کر دی تھی اور پیسو ں کا انتظام کرنا بھی شروع کر دیا تھا۔ ایک رات ایک شور سن کر اس کی آنکھ کھلی تو وہ اچانک گھبرا گئے۔ انہیں لگا جیسے ان کا کمرہ جہنم کا ایک حصہ بن گیا ہے۔ وہ گھبرا کر جب باہر آئے تو انہوں نے دیکھا کہ پوری بستی شعلوں میں گھری ہوئی ہے لوگ اپنی اپنی جانیں بچا کر بھاگ رہے ہیں۔ اپنی متاع زندگی کو آگ سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
آگ بڑھتی جا رہی ہے۔ کیونکہ بستی کے مکان کچے تھے اس لئے اس آگ کو بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا تھا۔ آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کو فون کیا گیا تھا۔ لیکن اس کا بھی نام و نشان نہیں تھا۔ شاید یہ بھی آگ لگانے والوں اور فائر بریگیڈ کی ملی بھگت تھی۔
آگ ان کے گھرکی طرف بڑھ رہی تھی۔ اس لئے انہوں نے اپنی متاع زندگی کو بچانے کی کوشش شروع کر دی۔ ابھی تھوڑا سا سامان ہی بچا پائے تھے کہ آگ نے ان کے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا گھر جل کر خاک ہو گیا۔
وہ دور میدان میں اپنا تھوڑا سا بچا ہوا سرمایۂ حیات لئے بیٹھے تھے۔ سامنے پوری جلی ہوئی بستی دکھائی دے رہی تھی۔ جس سے دھواں اٹھ رہا تھا۔ وہ حسرت سے کبھی اس جلی ہوئی بستی کو دیکھتے تو کبھی آسمان کو۔
ان کے سر کی چھت چھینی جا چکی تھی۔ اب ان کے سر پر صرف آسمان کی چھت تھی۔

بلندی

کال بیل بجی۔
دروازہ کھولنے پر سامنے کچھ ایسی صورتیں نظر آئیں جو دیکھنے سے ہی ناگوار سی لگیں۔ " کیا بات ہے ؟ " میں نے استفہامیہ نظروں سے ان کی طرف دیکھا۔
" بھاؤ کا ہفتہ دو ؟ "
" بھاؤ کا ہفتہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟ میں سمجھا نہیں۔ " میری کچھ سمجھ میں نہیں آیا۔
" نیا نیا یہاں رہنے کے لئے آیا ہے ناں اس لئے ادھر کے طور طریقے معلوم نہیں ہیں۔ ایک دو مہینے میں سب معلوم ہو جائے گا۔ چپ چاپ دو سو روپیہ دے دو۔ " ایک نے کہا۔
" دو سو روپے۔ ۔ ۔ ! مگر کس بات کے دو سو روپے ؟ " میں نے پوچھا۔
" اے اکبر ! اِدھر آ اور یہ جو تیرا نیا پڑوسی آیا ہے ناں اسے بتا کہ ہم کس بات کے دوسو روپے مانگ رہے ہیں۔ تُو اسے بتا دے۔ اگر تجھ سے ہماری بات اس کی سمجھ میں نہیں آئی تو ہم اپنی زبان میں اپنے انداز میں اسے سمجھائیں گے کہ ہم کس لئے دو سو روپے مانگ رہے ہیں۔ " ایک نے اکبر بھائی کو آواز دی۔
" ارے نہیں دامو بھائی ! میں انہیں سمجھا دوں گا۔ آپ کو اسے سمجھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ " کہتے ہوئے اکبر بھائی آگے آئے اور مجھ سے بولے۔
" سلیم صاحب ! انہیں دو سو روپے دے دیجئے۔ "
" مگر دو سو روپے کس بات کے ؟ "
" وہ میں آپ کو بعد میں سمجھا دوں گا پہلے آپ انہیں دو سو روپے دے دیجئے۔ " اکبر بھائی نے اصرار کیا تو میں سوچ میں ڈوب گیا۔ جو لوگ دو سو روپے مانگ رہے تھے۔ صورت و شکل سے ایسے تھے کہ اگر ان کی مانگ پوری نہیں کی گئی تو وہ مجھ سے الجھ سکتے تھے۔ الجھنے کی صورت میں مجھے ہی گزند پہنچ سکتی تھی۔ لیکن دو سو روپے مفت میں انہیں دینا میرے حلق سے نیچے نہیں اتر رہا تھا۔
کچھ سوچ کر میں نے انہیں دو سو روپے دے دئے۔ جاتے وقت وہ اکبر بھائی سے کہہ گئے۔ " اکبر ! ہم کس لئے پیسہ مانگتے ہیں اسے اچھی طرح سمجھا دینا۔ اگلی بار اس نے کوئی حجت نہیں کرنی چاہیئے۔ اگر اگلی بار ہفتہ کے لئے یہ ہم سے الجھا تو ہم اس کا حلیہ بگاڑ دیں گے۔
" نہیں نہیں دامو بھائی ! اگلی بار ایسا کچھ نہیں ہو گا۔ میں انہیں سب سمجھا دوں گا۔ " اکبر بھائی نے کہا اور ان کے جانے کے بعد گھر میں آ گئے۔
" سلیم بھائی ! آپ یہاں نئے نئے رہنے کے لئے آئے ہیں اس لئے یہاں کے طور طریقے نہیں معلوم۔ یہاں کا ایک دادا ہے جو یہاں کی شاکھا کا پرمکھ بھی ہے۔ وسنت،ہر مہینے اس کو ہفتہ دینا پڑتا ہے۔ اس کو ہفتہ دینے سے ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اس کالونی میں کبھی کچھ نہیں ہوتا۔ کوئی غنڈہ آنکھ اٹھا کر بھی اس کالونی کی طرف نہیں دیکھتا ہے نہ اس کالونی کی کسی لڑکی کو چھیڑنے کی ہمت کرتا ہے۔ اور تو اور اگر کسی دوسری کالونی کا کوئی آدمی بھی اس کالونی کے کسی فرد سے الجھتا ہے تو وسنت کے آدمی اسے ایسا سبق سکھاتے ہیں کہ وہ دوبارہ اس کالونی کے پاس سے گزرنے سے بھی خوف کھاتا ہے اور پھر ہم تو مسلمان ہیں۔ پتہ نہیں کب کہیں چھوٹی سی چنگاری بھڑک اٹھے اور وہ چنگاری شعلہ بن کر ہماری چھوٹی سی دنیا ہماری ساری زندگی کی خون پسینے کی کمائی جلا کر خاک کر دیں۔ اگر ایسا کوئی واقعہ بھی ہوا تو ہم پر کوئی آنچ نہیں آتی ہے۔ وسنت کے آدمی ہماری حفاظت کرتے ہیں سمجھ لیجئے کہ ایک طرح سے ہم اپنی حفاظت کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔ " اکبر بھائی نے تفصیل سے بتایا۔
" کیا کالونی کے دوسرے افراد بھی ہفتہ دیتے ہیں۔ "
" ہاں سبھی دیتے ہیں۔ ہم اپنی اپنے گھروں کی حفاظت کے لئے ہفتہ دیتے ہیں۔ تو وہ بھی اپنی حفاظت کے لئے ہفتہ دیتے ہیں۔ جو ہفتہ نہیں دیتا اس کا کالونی میں رہنا دشوار ہو جاتا ہے۔ وسنت کے آدمی اسے اتنا تنگ کرتے ہیں کہ اس کا یہاں رہنا دوبھر ہو جاتا ہے۔ کوئی بھی اسے ان سے نہیں بچا سکتا۔ یہاں تک کہ پولس بھی وسنت کے آدمیوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرتی۔ مجبوراً یا تو اسے وسنت کو ہفتہ دینا پڑتا ہے یا پھر یہ کالونی چھوڑ دینی پرتی ہے۔ "
" اچھا یہ وسنت پوار ہے ناں ؟ جو اس بار اس علاقے سے میونسپل الیکشن میں کھڑا ہونے والا ہے۔ " مجھے کچھ یاد آیا۔
" ہاں وہی۔ کھڑا کیا ہو گا میں تو کہتا ہوں وہ اس علاقے سے منتخب بھی ہو جائے گا۔ کیونکہ پورے علاقے میں اس کا رعب اور دبدبہ ہے اس علاقے کا شاکھا پرمکھ ہے۔ اس لئے اس کی جیت یقینی ہے۔ " اکبر بھائی بولے۔
" وسنت پوار۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ! " میں نے دہرایا۔ " نام کچھ شناسا سا لگ رہا ہے یا میں سمجھتا ہوں کہ اس آدمی کو میں بہت قریب سے جانتا ہوں۔ اس کے بارے میں کچھ اور تفصیل سے بتائیے۔ "
" میں بھی نیا نیا اس علاقے میں آیا ہوں۔ " اکبر بھائی بولے۔ " اس لئے میں بھی وسنت کے بارے میں زیادہ تفصیل سے نہیں بتا سکتا۔ سنا ہے وہ اس علاقے کا لیڈر ہے ، بلڈر ہے ، دادا ہے ، شاکھا پرمکھ ہے اور سب کچھ ہے۔ "
" یہ وسنت کے آدمی تھے۔ وسنت ایسا بھی کرتا ہے یا یہ سب بھی کر سکتا ہے مجھے یقین نہیں آ رہا تھا لیکن یقین نہ کرنے کی کوئی وجہ بھی نہیں تھی۔ جو کچھ میں نے وسنت کے بارے میں سن رکھا تھا ، جو کچھ اس کے بارے میں اخبارات میں پڑھا تھا اس کے بعد وہ یہ کر سکتا ہے اس پر یقین نہ کرنے کا کائی جواز بھی نہیں تھا۔
دراصل پانچ سال قبل تک وسنت میرا ہم پیالہ و ہم نوالہ تھا۔ اس کی زندگی کے ہر پہلو ہر دکھ سکھ کو میں جانتا تھا دراصل اسے اس شہر میں لانے والا بھی میں ہی تھا۔ لیکن گذشتہ پانچ سالوں میں ایک بار بھی اس کا سامنا نہیں ہو سکا۔ صرف اس کے بارے میں ، میں سنتا رہا کہ وہ آج کل کہاں ہے اور کیا کر رہا ہے یا پھر اس کے بارے میں اخباروں میں پڑھتا رہا۔ یا کسی سیاسی جلسے میں اسٹیج پر اسے دیکھ لیتا۔ لیکن اس وقت وہ اسٹیج پر ہوتا اور میں تماشائیوں میں۔
سات سال قبل میں وسنت کو اپنے ساتھ اپنے آبائی گاؤں سے اس شہر میں لایا تھا۔ وسنت سے بہت پرانی جان پہچان تھی۔ گاؤں میں چھوٹے موٹے کام کاج کر کے وہ اپنا اور اپنے خاندان کا پیٹ بھرتا تھا۔ سال دو سال میں جب کبھی میں گاؤں جاتا وسنت سے ملاقات ہوتی تو ادھر ادھر کی باتیں کرنے کے بعد وہ مجھ سے ایک ہی استدعا کرتا تھا۔ " سلیم بھائی ! گاؤں میں چھوٹے موٹے کام کر کے بڑی مشکل سے اپنا اور اپنے خاندان کا پیٹ پالتا ہوں۔ بچت کے نام پر ایک پیسہ بھی پاس میں نہیں ہے جو آڑے وقت میں کام آئے۔ آپ تو شہر میں بہت بڑی کمپنی میں کام کرتے ہیں۔ آپ کی فیکٹری میں کام کرنے کے لئے مزدوروں کی ضرورت تو پڑتی ہی ہو گی۔ مجھے بھی فیکٹری میں کوئی کام دلا دیجئے۔
اسے فیکٹری میں لیبر کا کام دلانا میرے لئے کوئی مشکل کام نہیں تھا۔ لیکن میں اس بات سے ڈرتا تھا کہ وہ گاؤں کا بھولا بھالا آدمی شہر کے مسائل اور مصائب کا سامنا نہیں کر سکے گا۔ اس لئے اسے سمجھاتا تھا کہ گاؤں میں اسے جو آدھی روٹی مل رہی ہے۔ وہی ٹھیک ہے۔ لیکن اس کے بہت زور دینے پر ایک دن میں اسے اپنے ساتھ شہر لے آیا۔ اس وقت میں شہر کی ایک چال میں رہتا تھا۔ دو دنوں تک وہ میرے گھر میں ہی رہا۔ ہم جو کھاتے ہمارے ساتھ کھاتا اور دروازے کے پاس بستر لگا کر ٹھٹھر کر پڑا رہتا۔
دو دنوں کے بعد میں اسے اپنی فیکٹری کے منیجر کے پاس لے گیا اور اس کا تعارف کراتے ہوئے کہا۔ " منیجر صاحب ! میرے گاؤں کا آدمی ہے بہت محنتی اور ایماندار ہے اسے کوئی کام دے دیجئے۔ "
منیجر نے میرے کہنے پر اسے فوراً کام پر لگا دیا۔ اس دن سے وہ میرے ساتھ ہی کام پر جانے لگا۔ ہم دونوں ساتھ ساتھ گھر سے آفس جانے کے لئے نکلتے۔ وہ نیچے فیکٹری میں جا کر مشینوں پر کام کرتا اور میں اوپر آفس میں کاغذات میں سر کھپاتا۔
ایک مہینے تک وہ میرے گھر میں رہا۔ وہ سویرے پانچ بجے ہی اٹھ جاتا تھا۔ نہا دھوکر مندر جاتا اور آتے وقت گھر کا ضروری سامان لے آتا۔ پھر ہم ساتھ ناشتہ کرتے اور ساتھ میں ٹفن لے کر آفس جاتے۔ واپسی میں ہمارے راستے الگ الگ ہوتے تھے۔ وسنت کے لئے شہر نیا تھا اس لئے وہ گھومنے پھرنے کے لئے نکل جاتا تھا۔ آٹھ بجے وہ گھر واپس آتا۔ ہم ساتھ رات کا کھانا کھاتے اس کے بعد وہ اس محلے کی ایک بھجن کیرتن منڈلی میں بھجن گانے چلا جاتا تھا۔ رات بارہ بجے کے قریب وہ وہاں سے آتا تھا۔ ہفتے میں دو تین اپواس ( روزے ) ضرور کرتا تھا۔ وہ سات مختلف دیوتاؤں کو مانتا تھا۔ یہ دن اس نے طے کر رکھا تھا کہ اس دن کس دیوتا کے مندر جایا جائے۔
جب پہلی تنخواہ اس کے ہاتھ میں آئی تو ان پیسوں کو دیکھ کر اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ " سلیم بھائی ! میں نے زندگی میں خود کے اتنے پیسے نہیں دیکھے۔ " اس نے کھانے کے پیسے دینے چاہے مگر میں نے انکار کر دیا۔
اس کے بعد اپنے گھر والوں کو شہر لانے کی اس میں دھن سمائی لیکن شہر میں رہنے کے لئے کوئی ٹھکانہ حاصل کر لینا اتنا آسان نہیں تھا۔ وہ دو تین مہینوں تک اس ٹھکانے کے لئے در در بھٹکتا رہا۔
ایک دن آیا تو بہت خوش تھا۔ "ایک جگہ کسی کی زمین پر غیر قانونی جھونپڑے بن رہے ہیں میں نے بھی ایک جھونپڑا بنا لیا ہے۔ اب میں وہیں رہوں گا۔ کل ہی جا کر اپنے گھر والوں کو لے آتا ہوں۔ " دوسرے دن جا کر وہ اپنے بیوی بچوں کو لے آیا اور اس جھونپڑی میں رہنے لگا۔ فیکٹری میں وہ محنت اور لگن سے کام کرتا تھا۔ ہر کوئی اس کی تعریف کرتا تھا۔ اس کے بعد وہ کچھ بدمعاش قسم کے لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا۔
فیکٹری میں ان لوگوں کی ایک یونین تھی۔ وہ لوگ کام وغیرہ تو نہیں کرتے تھے اپنی یونین اور یونین کے لیڈروں اور اس یونین کی مدد کرنے والی سیاسی پارٹی اور اس کے آقا کا نام لے کر ڈراتے دھمکاتے تھے۔ ان کے ساتھ رہنے سے وسنت بھی ان کے جیسا ہو گیا۔ کام میں اس کا دل نہیں لگتا۔ بات بات پر وہ آفیسروں اور مالکوں سے الجھتا اور ہڑتال کرنے کی دھمکی دیتا اور کام بند کرا دیتا تھا۔ اس کی ان حرکتوں سے منیجر اور مالک عاجز آ گئے تھے۔ منیجر کے کہنے پر ایک دو بار میں نے بھی اسے سمجھایا تھا کہ اس کی ان حرکتوں کی وجہ سے اسے کام پر سے نکالا جا سکتا ہے۔ لیکن اس نے صاف جواب دے دیا تھا۔
" وہ لوگ مجھے کام سے نہیں نکال سکتے۔ یونین ہمارے ساتھ ہے ہم فیکٹری کو جلا کر راکھ کر دیں گے۔ اگر مالکوں نے ہمارے خلاف کوئی قدم اٹھایا۔ "
آخر وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔ وسنت کو کام پر سے نکال دیا گیا۔ وسنت نے اپنی یونین کی مدد سے ہڑتال کی فیکٹری میں توڑ پھوڑ مچائی۔ مجبوراً مالکوں نے وہ فیکٹری بند ہی کر دی۔ اس وقت تک میرا تبادلہ دوسرے آفس میں ہو چکا تھا۔ اس کے بعد وسنت کی مجھ سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ اس کے بارے میں صرف خبریں ملتی رہیں۔ اس کے بعد سنا کہ وہ شہر کی ایک سڑک کے نکڑ پر وڑا پاؤ کی گاڑی لگاتا ہے۔ اس میں اچھی خاصی آمدنی ہو جاتی ہے۔ اور اس کے خاندان کا پیٹ پل جاتا ہے۔
پھر سنا کہ اس نے وہ گاڑی کسی کو کرائے پر دے دی کیونکہ اسے اس گاڑی کا اچھا خاصہ کرایہ مل رہا تھا۔ جب اتنا زیادہ کرایہ مل رہا ہو تو پھر محنت کرنے کی کیا ضرورت۔ وہ اس کرایے میں اپنا گزر بسر کرنے لگا۔
ایک دن خبر ملی جس جگہ پر وسنت جھونپڑا بنا کر رہتا ہے اس جگہ کا مالک اس جگہ پر تعمیر غیر قانونی جھونپڑے خالی کرا رہا ہے۔ اس کوشش میں ان جھونپڑے والوں اور مالک کا ٹکراؤ ہو گیا ہے۔ اس ٹکراؤ میں جھونپڑے والوں کی طرف سے وسنت پیش پیش ہے۔
ایک دن سنا کہ اس زمین پر تعمیر تمام جھونپڑے تڑوانے میں اس زمین کا مالک کامیاب ہو گیا ہے۔ اس کی اس کامیابی میں وسنت نے نمایاں رول ادا کیا ہے۔
مالک نے وسنت کو اپنی طرف سے ملا لیا اور اسے اچھی خاصی رقم اس بات کے لئے دی کہ وہ ان لوگوں کو کسی طرح جگہ خالی کرنے کے لئے راضی کر لے۔ وسنت نے یہ کام کر دیا۔
اس نے ایک مخصوص رقم ہر جھونپڑے والے کو دی اور اسے جھونپڑا خالی کرنے کے لئے راضی کیا اور بدلے میں ایک دوسری جگہ بتائی جہاں وہ جھونپڑا بنا کر رہ سکتے ہیں۔ ان لوگوں کو اور کیا چاہیئے تھا۔ وہاں سے ہٹنے کے لئے اچھی خاصی رقم مل رہی تھی اور رہنے کے لئے دوسری جگہ بھی مل رہی تھی۔
وسنت نے ایک دوسری زمین پر قبضہ کر کے ان لوگوں کو ناجائز جھونپڑے بنانے میں مدد کی۔ اور ایک نئی جھونپڑا بستی تعمیر ہو گئی۔ اس بستی کا مالک وسنت تھا۔ وہ تمام جھونپڑے والوں سے کرایہ وصول کرتا تھا اور وہ خوشی خوشی اسے کرایہ دیتے تھے کیونکہ اب وہی ان کا محافظ تھا۔ اس درمیان وہ ایک سیاسی پارٹی کا رکن بن گیا تھا۔ اس کے بعد وہ اس سیاسی پارٹی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے لگا تھا جس کی وجہ سے اس کا اس سیاسی پارٹی میں مقام بن گیا تھا اور اس سیاسی پارٹی کی پشت پناہی مل جانے کے بعد اس کی طاقت بھی بڑھ گئی تھی اسے اس سیاسی پارٹی کی ایک شاخ کا پرمکھ بھی بنا دیا۔ وہ اس سیاسی پارٹی کے پروگراموں ، مذہبی جلوسوں اور حکمراں کے جشن ولادت کے جلوسوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا۔ اس دوران شہر میں ایک دو فرقہ ورانہ فسادات بھی ہوئے۔ ان فسادوں میں بھی وسنت نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس نے ان فسادات میں سینکڑوں گھر جلائے۔ لاکھوں روپوں کا قیمتی سامان لوٹا کئی لوگوں کو زخمی کیا اور جان سے بھی مارا۔ فسادات کے بعد بے شمار شکایتوں پر پولس نے اسے فساد کرنے کے الزام میں گرفتار بھی کیا لیکن دباؤ سے دو تین دنوں میں چھوڑ دیا۔
اس کے پاس بے شمار دولت جمع ہو گئی تھی۔ سیاست کے ساتھ ساتھ وہ سماج سیوا کے نام پر بھی پیسہ جمع کرتا تھا۔ اس کے بعد اس نے اپنا بزنس شروع کر دیا۔ وہ بلڈر بن گیا۔ وہ شہر کی خالی زمینوں پر ناجائز قبضہ کر کے ان زمینوں کے مالکوں سے اونی پونی قیمتوں پر وہ زمینیں حاصل کر لیتا اور ان پر عمارتیں بنا کر اونچی قیمتوں میں فروخت کر کے لاکھوں روپے کماتا۔
جس پارٹی سے اس کا تعلق تھا اس کی ریاست میں حکومت قائم ہو جانے کے بعد وسنت کا رسوخ بڑھتا ہی گیا۔ اس کے لئے کوئی بھی کام نا ممکن نہیں رہا۔ وہ جائز نا جائز طریقوں سے زمینیں حاصل کر کے قانونی ، غیر قانونی طریقوں پر عمارتیں بنا کر فروخت کرتا اور پیسہ کماتا۔ اس پورے علاقے میں اس کا دبدبہ سا چھایا ہوا تھا۔ چھوٹے بڑے ہر طرح کے جھگڑے نپٹانے کے لئے لوگ اس کے پاس جاتے تھے اور وہ اپنا مناسب حق محنت لے کر ان تمام تنازعات کو حل کر دیتا تھا۔
وہ اگر غلط بھی کرتا تھا تو اسے ٹوکنے کی کسی میں ہمت ہی نہیں ہوتی تھی۔ وہ کئی قتل کے کیسوں میں ملوث تھا لیکن پولس اس پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہیں کرتی تھی نہ کوئی اس کے خلاف زبان کھولتا تھا۔
اس چھوٹی سی چال کے چھوٹے سے کمرے رہتے رہتے میں تنگ آگیا تھا۔ اتنے دنوں میں میں نے اتنے پیسے جمع کر لئے تھے کہ میں کسی اچھی جگہ اچھا سا فلیٹ لے سکوں۔ اگر پیسے کم بھی پڑیں تو سرکاری ، غیر سرکاری قرضہ جات کا سہارا تھا۔ اس درمیان ایک اسٹیٹ ایجنٹ نے اس کالونی میں بکنے والے ایک فلیٹ کے بارے میں مجھے بتایا۔ پہلی نظر میں مجھے فلیٹ اور کالونی پسند آ گئی۔ فلیٹ خرید لیا گیا اور ہم وہاں رہنے کے لئے آ گئے۔ وہاں آنے کے بعد پتہ چلا کہ یہ وسنت کا علاقہ ہے اور وہاں رہنے کے لئے بھی وسنت کو ہفتہ دینا پڑتا ہے۔ ان باتوں کے بعد وسنت سے ملنے کی خواہش دل میں جاگی۔ لیکن پتہ نہیں تھا کہ وسنت سے ملنا اتنا آسان نہیں ہے۔ وسنت جن لوگوں سے ملنا ضروری سمجھتا ہے۔ انہی سے ملتا ہے جن سے اسے کوئی فائدہ ہو۔
وسنت سے ملنا تو بہت ضروری تھا۔ لیکن اس سے ملنے کا کوئی راستہ نہیں تھا۔ آخر اس سے ملنے کا میں نے راستہ سوچ لیا۔ اگلی بار دامو جب وسنت کا ہفتہ مانگنے آیا تو میں نے ہفتہ دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ میں وسنت سے ملنا چاہتا ہوں۔
" اے کاہے کو اپنی موت کو دعوت دے رہا ہے۔ بھاؤ سنے گا کہ تیرے کو اس لئے اس کے پاس لایا کہ تُو نے ہفتہ دینے سے انکار کیا ہے تو کچھ سننے سے پہلے تجھ پر چاقو کے دوچار وار مار کر تجھے ادھ مرا کر دے گا۔ "
" کچھ بھی ہو میں وسنت سے ملنا چاہتا ہوں۔ " جب میں نے اصرار کیا تو وہ مجھے وسنت کے قلعہ میں لے گئے۔ وہ قلعہ وسنت کا آفس تھا جہاں بیٹھ کر وہ ہر کسی کا انصاف کرتا تھا۔ عالیشان ڈرائنگ روم جس میں ساری دنیا کے عیش و آرام کی لاکھوں کروڑوں روپوں کی چیزیں سجی تھیں۔ وسنت کی دولت اور اس کی بلندی دیکھ کر میں دنگ رہ گیا۔ میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میرے ساتھ اس شہر میں آنے والا وسنت اتنی جلدی اس بلندی پر پہنچ جائے گا اور میں اسے نیچے سے تاک کر اس کے سامنے بونا بن جاؤں گا۔
" بھاؤ۔ ۔ ۔ ! یہ شخص نیا نیا کالونی میں رہنے آیا ہے اور ہفتہ دینے سے انکار کر رہا ہے۔ اور آپ سے ملنا چاہتا ہے۔ "
" کون ہے وہ حرامزادہ جو مجھے ہفتہ دینے سے انکار کر رہا ہے۔ " دامو کی بات سنتے ہی وسنت غصے میں بھرا مڑا۔ مجھ پر نظر پڑتے ہی وہ ٹھٹھک کر رہ گیا اور کچھ سوچنے لگا۔
" سلیم بھائی آپ ! " وہ مجھے حیرت سے دیکھتا ہوا بولا۔
" ہاں وسنت۔ ۔ ۔ ! میں۔ " میں نے جواب دیا۔
" ارے آئیے سلیم بھائی ! میں نے تو خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کبھی آپ سے اس طرح ملاقات ہو گی۔ سلیم بھائی ! اتنے دنوں بعد آپ کو دیکھ کر میں کہہ نہیں سکتا مجھے کتنی خوشی ہو رہی ہے۔ " ہم دونوں پاس بیٹھ گئے اور باتوں کا سلسلہ چل نکلا۔ وہ مجھے بتانے لگا کہ وہ کس طرح اس مقام پر پہنچا ہے۔ اور میں چپ چاپ دیکھتا رہا۔
" سلیم بھائی ! آپ مجھے اس طرح کیوں دیکھ رہے ہیں ؟ " وہ آخر پوچھ بیٹھا۔
" دیکھ رہا ہوں۔ میرے ساتھ آیا ہوا گاؤں کا بھولا بھالا وسنت پوار کتنی جلدی بلندی پر پہنچ گیا ہے۔ "
" سلیم بھائی ! وسنت پوار بہت جلد بہت بلندی پر پہنچا ضرور ہے۔ " وسنت درد بھرے لہجے میں بولا۔ " لیکن اس بلندی تک پہنچنے کے لئے اس نے اپنے اندر کی تمام اچھائیوں ، اخلاقیات ، اوصاف کو قتل کر کے ان کی لاشوں کی سیڑھی بنا کر اس بلندی کو حاصل کیا ہے۔ "

دیوتا

ڈاکٹر کے آپریشن روم سے نکلتے ہی چاروں طرف سے لوگوں نے اسے گھیر لیا۔
" ڈاکٹر صاحب ! ماما کی حالت اب کیسی ہے ؟ " وشواس گائیکواڑ نے پوچھا۔
" ڈاکٹر صاحب ! ماما کی زندگی کو تو اب کوئی خطرہ نہیں ہے ؟ " ارون شندے نے پوچھا۔
" ڈاکٹر صاحب ماما جلدی اچھے ہو جائیں گے ناں؟ جلدی بتائیے میرا دل بہت گھبرا رہا ہے۔ " شنکر پاٹل نے بے چینی سے پوچھا۔
" ڈاکٹر صاحب ! ماما یہاں پر اچھے ہو جائیں گے نا؟ " گوپی ناتھ مہسکر نے پوچھا۔ " انہیں کہیں اور لے جانے کی تو ضرورت نہیں آئے گی ؟ اگر ضرورت ہو تو بتا دیجئے ہم نے انہیں کہیں اور لے جانے کے انتظامات بھی کر لئے ہیں۔ "
" ڈاکٹر صاحب ! باہر سے اگر دوائیں منگوانے کی ضرورت پڑی تو بے جھجھک کہہ دیجئے۔ ماما کے لئے ہم مہنگی سے مہنگی دوائیں لانے کے لئے تیار ہیں۔ " پرکاش جادھو بولا۔
ڈاکٹر گھبرا گیا۔ اسے اس وقت کم سے کم بیس پچیس لوگوں نے گھیر رکھا تھا اور اسے معلوم تھا اس وقت اسپتال کے کمپاؤنڈ میں کم سے کم سو سوا سو لوگ ماما کی طبیعت کے بارے میں جاننے کے لئے بے چین ہیں۔
وہ لوگ قرب جوار کے دیہاتوں سے آئے ہوئے تھے۔ کوئی نگر سول سے آیا تھا تو کوئی اندر سول سے کوئی لہیت سے ، کوئی کسٹمری سے تو کوئی راجہ پور سے۔ ان میں سے بہت سے لوگ ایک دوسرے سے شناسا تھے تو بہت سے لوگ ایک دوسرے سے پہلی بار مل رہے تھے۔
وہ تمام افراد صرف ایک ہی مقصد کے لے جمع ہوئے تھے۔ وہ سب ماما کی حالت کے بارے میں پتہ لگانے وہاں آئے تھے اور اسی کے لئے بے چین تھے۔ ان میں بہت سے لوگ ایسے تھے جنہوں نے ماما کو لا کر اس اسپتال میں داخل کیا تھا۔
جیسے جیسے ماما پر قاتلانہ حملے کی خبر پھیل رہی تھی اور یہ معلوم ہو رہا تھا ماما کو علاج کے لئے شہر کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ، لوگ جوق در جوق ماما کو دیکھنے کے لئے آ رہے تھے۔
جب وہ لوگ زخمی ماما کو لے کر سرکاری اسپتال جا رہے تھے تو راستہ میں جو بھی ملتا وہاں جیسے ہی یہ خبر ملتی کہ ماما پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے اور وہ بری طرح زخمی ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال لے جایا جا رہا ہے۔ اس گاؤں سے کئی لوگ آ کر ان کے ساتھ ہو جاتے جو ماما کو اسپتال لے جا رہے تھے۔
جس وقت ماما کو اسپتال میں داخل کیا گیا اس وقت پچاس کے قریب افراد اسپتال میں جمع تھے۔ پھر جیسے جیسے یہ خبر اطراف کے دیہاتوں میں پھیلتی گئی چاروں طرف سے لوگ ماما کی حالت کا پتہ لگانے اور اسے دیکھنے کے لے اسپتال میں آنے لگے۔
جس وقت ماما کو اسپتال میں داخل کیا گیا ماما بے ہوش تھا۔ اس کے سارے کپڑے خون میں لت پت تھے۔ جو لوگ ماما کو سہارا دے کر لائے تھے ان کے کپڑوں پر بھی جگہ جگہ خون لگا ہوا تھا۔
ڈاکٹر نے ماما کے زخم کا معائنہ کیا۔ زخم پشت پر تھا۔ پورے ڈیڑھ فٹ لمبا زخم تھا اور تقریباً ایک انچ گہرا۔ کہیں کہیں تو گہرائی دو انچ بھی ہو گئی تھی۔ کہیں کہیں ہڈی دکھائی دے رہی تھی۔ تلوار کا وار تھا۔ اس لئے ایک دو جگہ کی ہڈی بھی متاثر ہوئی تھی۔ ڈاکٹر نے فوراً ماما کو آپریشن وارڈ میں لے جانے کے لئے کہا۔
" زخم بہت بڑا اور گہرا ہے ٹانکے لگانے پریں گے۔ اس کے علاوہ خون بہت بہہ گیا ہے۔ خون دینے کی بھی ضرورت پڑے گی۔ "
" ڈاکٹر صاحب ! میرا خون لے لیجئے۔ "
" ڈاکٹر صاحب ! میرا خون لے لیجئے۔ " تین چار آوازیں ایک ساتھ ابھریں۔
" ٹھیک ہے ہم پہلے خون ٹسٹ کرتے ہیں۔ اس کے بعد جس کے خون کی ضرورت محسوس ہوئی اس کا خون لے لیں گے۔ "
لوگوں کا اور ماما کا خون ٹسٹ کیا گیا۔ ۱۰۔ ۱۲ افراد کا خون ماما کے خون سے میل کھاتا تھا۔
جے دیو پاٹل ، مانک شندے ، انّا پوار اور وکرم کھیرنار کے جسم سے ایک ایک بوتل خون نکالا گیا۔
دو بوتل خون چڑھانے کے بعد ماما کے جسم میں ہلکی سی حرکت ہوئی۔ ڈاکٹر اور نرسوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
" جو خون بہہ گیا تھا اس خون نے اس کی کمی پوری کر دی ہے۔ مریض کو بہت جلد ہوش آ جائے گا۔ اسے جنرل وارڈ میں شفٹ کر دیا جائے۔ " ڈاکٹر نے نرسوں سے کہا اور وارڈ سے باہر نکلا تو لوگوں نے اسے گھیر لیا۔
" دیکھئے ! میں نے ماما کا زخم سی دیا ہے۔ دو بوتل خون بھی چڑھایا جا چکا ہے۔ ضرورت پڑی تو اور دو بوتل خون چڑھا دیا جائے گا۔ اب ماما خطرے سے باہر ہیں۔ گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔ ایک دو گھنٹے میں شاید اسے ہوش آ جائے گا۔ لیکن ہوش میں آنے کے فوراً بعد آرام کی غرض سے ہم اسے نیند کا انجکشن دے کر سلا دیں گے۔ آپ لوگ مریض کے کمرے میں یا اس کے پلنگ کے پاس بھیڑ نہ لگائیں۔ مریض کو دیکھنے کے لئے ہم ہیں۔ فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ آپ ماما کو دیکھ کر اپنے اپنے گھر چلے جائیے۔
ڈاکٹر اتنا کہہ کر آگے بڑھ گیا اور لوگ ماما کے باہر آنے کا انتظار کرنے لگے۔ کچھ لوگوں نے ماما ے رشتے داروں کو گھیر لیا۔
" بھابی ! ہم نہ کہتے تھے کہ آپ بالکل مت گھبرائیے۔ ماما کو کچھ نہیں ہو گا۔ اب تو آپ نے اپنے کانوں سے سن لیا ہے کہ ماما خطرے سے باہر ہے۔ اب یہ رونا دھونا چھوڑئیے اور اپنی حالت کو سنبھالیے۔ آپ کے رونے سے بچے بھی رونے لگتے ہیں۔ کچھ ماما کی بیوی کو سمجھانے لگے تو کچھ ماما کے بچوں کو۔
" ارے فرت (فرحت ) کیوں رو رہا ہے ؟ تیرے ابا کو کچھ نہیں ہو گا۔ وہ بالکل ٹھیک ہے۔ تھوڑی دیر میں ہم سب سے باتیں کریں گے۔ تو تو بڑا ہے ، سمجھ دار ہے تُو روئے گا تو پھر تیری ماں ، بھائی ، بہنوں اور تیرے دادا دادی کو کون سمجھائے گا۔ تُو خود کو سنبھال۔ کسی طرح کی کوئی فکر نہ کر ہم تیرے ساتھ ہیں۔ "
کچھ ماما کے والدین کو سمجھانے لگے۔
" سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ ماما کو کچھ نہیں ہو گا۔ ان کی جان بچانے کے لئے ہم اپنی جان کی بازی لگا دیں گے۔ "
" میرے معصوم بچے کو مار کر ان لوگوں کو کیا ملا۔ " ان کی باتیں سن کر ماما کے والد بولے۔ " وہ تو کسی کی چھیڑ چھاڑ میں نہیں رہتا تھا۔ سویرے بھوکا پیاسا گھر سے نکل کر دیہات ، دیہات کی خاک چھان کر اپنے بال بچوں اور ہمارے لئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرتا تھا۔ اس کو مار کر انہیں کیا ملا۔ وہ تو نہ کوئی مذہبی رہنما تھا اور نہ ہی کوئی سیاسی لیڈر تھا پھر انہوں نے میرے بچے کی جان لینے کی کوشش کیوں کی ؟ "
" ابا ! کچھ لوگ سر پھرے ہوتے ہیں اور اس دیوانگی کے لئے وہ انسانی قدروں اور رشتوں کو بھول جاتے ہیں ان پر تو صرف اپنے مسلک کے افکار کا جنون طاری رہتا ہے۔ جن لوگوں نے ماما پر حملہ کیا وہ لوگ بھی اسی گروہ سے وابستہ تھے۔ " سب ماما کے والد کو سمجھانے لگے۔
کسی نے بھی سوچا نہیں تھا کہ آج جب ماما ان کے گاؤں سے جائے گا تو اس پر اس طرح کا جان لیوا حملہ ہو گا اور اس کی جان لینے کی کوشش کی جائے گی۔ آج بھی وہ معمول کے مطابق گاؤں آیا تھا۔ جس طرح گذشتہ سالوں سے آ رہا تھا۔
اپنی سائیکل پر آگے بڑا سا پٹارا لٹکائے ہر کسی کو سلام کرتا ان سے ان کی خیریت دریافت کرتا اپنے مخصوص ٹھکانوں پر گیا تھا۔ اسے پورے تعلقہ کے دیہاتوں میں کس کس گھر میں مرغیاں ہیں اس بات کا پتہ تھا۔ اس نے روزانہ چند مخصوص دیہاتوں کا نشانہ باندھ لیا تھا۔ وہ اس دن ان مخصوص دیہاتوں کے ان گھروں اور کھیتوں میں جاتا تھا جہاں مرغیاں تھیں۔ اس گھر کے مالکان بھی اس دن ماما کا انتظار کرتے تھے۔
ہفتہ بھر ان کی مرغیاں جو انڈے دیتی تھیں وہ انڈے وہ جمع کرتے تھے اور ماما کو فروخت کر دیتے تھے۔ دن بھر ماما ان دیہاتوں سے انڈے جمع کرتا اور شام کو شہر آ کر مرغی انڈے کے اس بیوپاری کو فروخت کر دیتا تھا جو ان انڈوں کو ممبئی جیسے بڑے شہروں میں فروخت کرتا تھا۔
گرمی کے دنوں میں انڈے گرمی سے جلد خراب ہو جاتے ہیں۔ گرمی کے دنوں میں وہ اپنے مخصوص دیہاتوں میں ہفتہ میں دو بار جاتا تھا۔ تاکہ انڈے خراب نہ ہوں۔ اپنی ٹوٹی پھوٹی پرانی سائیکل پر وہ روزانہ تیس چالیس کلومیٹر کا سفر طے کرتا تھا۔
اس سے دیہات کا بچہ بچہ واقف تھا تو وہ بھی ہر گاؤں کے ہر فرد کو جانتا تھا اور ان لوگوں کے گھروں کے حالات بھی جانتا تھا۔ کبھی کبھی تو اسے ان لوگوں کے گھریلو جھگڑوں میں منصف کا فرض بھی ادا کرنا پرتا تھا۔ اس نے دیہاتوں کے سینکڑوں جھگڑے نپٹائے تھے۔ اس کے منصفانہ فیصلوں پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا تھا۔ ہر کوئی بڑے احترام سے ان فیصلوں کو قبول کر لیتا تھا۔ نہ صرف تضادات بلکہ شادی بیاہ کے معاملوں میں بھی ماما نمایاں کردار ادا کرتا تھا۔
اگر کسی کے گھر تعلقہ میں کہیں سے رشتہ آتا تو وہ ماما سے اس گھر کے بارے میں ضرور پوچھتا جہاں سے رشتہ آیا ہے۔ یا اس گھر اور لڑکے کے بارے میں معلومات نکالنے کی ذمہ داری ماما پر ڈال دیتا تھا۔
ماما اپنی ذمہ داری کو بڑی خوش اسلوبی سے نبھاتا تھا۔ اور اتنی معلومات بہم پہنچا دیتا تھا کہ رشتے کے سلسلے میں فیصلہ کرنے میں اس شخص کو کوئی دقت پیش نہیں آتی تھی۔ کبھی کبھی اس شخص کا فیصلہ منفی ہوتا اور ماما کو محسوس ہوتا کہ وہ شخص فیصلہ لینے میں کہیں غلطی کر رہا ہے تو ماما اس کو ٹوک کر اپنا فیصلہ بتا دیتا تھا اور پھر وہی ہوتا تھا جو ماما کا فیصلہ ہوتا تھا۔
کئی بڑے گھرانے اپنی لڑکیوں کے رشتہ کی ذمہ داری ماما پر ڈالتے تھے۔ اور ماما اس طرح ذمہ داری نبھاتے ہوئے گذشتہ ۲۵۔ ۳۰ سالوں میں ہزاروں شادیاں کروا چکا تھا۔
دیہاتوں کی ہر شادی بیاہ میں ماما کر شرکت لازمی تھی۔ لڑکے کی شادی ہو یا لڑکی کی۔ ماما کو وہی عزت دی جاتی تھی جو لڑکے کے باپ کو دی جاتی تھی۔ ہر شادی میں ماما کو ایک اپرنا (ایک طرح کا رومال) ضرور دیا جاتا تھا۔ دیوالی دسہرہ یا ہولی پر ہر گھر میں ماما کو حاضری دینی پڑتی تھی۔ جس گھر وہ کسی مجبوری کی وجہ سے نہیں جا پاتا تھا اس گھر کے مکین کو اس سے شکایت ہوتی تھی بلکہ ماما کا حصہ ہفتوں تک سنبھال کر رکھا جاتا تھا۔ بلکہ کچھ معاملوں میں تو ماما کا حصہ اس کے گھر پہنچا دیا جاتا تھا۔
عید بقر عید شب برات کے موقع پر ماما کے گھر میں دیہاتیوں کا میلہ لگا رہتا تھا۔ ان تیوہاروں کے آنے سے قبل ماما تمام دیہاتوں میں عام دعوت دے آتا تھا۔ اور شیر خرمہ پینے اور حلوہ کھانے کے لئے لوگ جوق در جوق اس کے گھر آتے تھے۔ ہر رات دو تین دیہاتوں کا قیام ماما کے گھر کا معمول تھا۔ وہ لوگ جو کسی کام سے شہر آتے تھے اور کسی وجہ سے ان کی آخری بس چھوٹ جاتی تھی یا واپس گاؤں جانے کے لئے ان کے پاس کوئی ذریعہ نہیں ہوتا تھا۔ وہ ماما کے گھر چلے جاتے تھے۔ ماما کے گھر میں ایک خاص کمرہ مہمان خانہ تھا۔ وہاں اس طرح کے لوگوں کے لئے سونے کا خاص انتظام رہتا تھا۔ رات کو وہ ماما کے مہمان خانے میں آرام کرتے اور سویرے چائے اور ہلکا ناشتہ کر کے واپس اپنے گھر چلے جاتے تھے۔
ماما نے جب اپنی بڑی بیٹی کی شادی کی تھی تو اس کے گھر شادی میں ان دیہاتیوں کی بھیڑ سب سے زیادہ تھی۔ ماما نے ان کے لئے کھانے کا الگ انتظام کیا تھا۔ وہ لوگ اپنے ساتھ اتنے تحائف لائے تھے کہ بیٹی کے جہیز میں ایک ایک چیز دو دو تین تین دینے کے بعد بھی بہت سی بچ گئی تھی۔
کسی ہفتہ ماما اگر گاؤں نہیں آتا تو سارے گاؤں میں ہلچل مچ جاتی تھی۔ " ماما اس ہفتہ نہیں آیا ، کیا بات ہے ؟ جا کر پتہ لگانا۔ "
جو بھی اس گاؤں سے دوسرے دن شہر جانے والا ہوتا تھا اس کو یہ ذمہ داری سونپی جاتی تھی اور وہ واپس آ کر سارے گاؤں کو اس بارے میں بتاتا تھا۔
" ماما بیمار ہے۔ "
" ماما ایک رشتہ دار کی شادی میں دوسرے شہر گیا ہے۔ "
دینداری ماما میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ جس جگہ نماز کا وقت ہو جاتا کہیں سے پانی مانگ کر وضو بنا کر وہیں نماز کے لئے کھڑا ہو جاتا تھا۔ بلکہ کچھ مخصوص گھروں کے لوگوں نے تو ماما کی نماز کے لئے انتظامات بھی کر رکھے تھے۔
وہ دیہات جہاں مسجدیں تھیں یا مسلمان تھے۔ ان دیہاتوں کی مسجدوں میں اگر پیش امام نہیں ہوتا تھا تو عصر اور ظہر کی نمازیں ماما کی پیش امامی میں ہی ادا کی جاتی تھیں۔ دیہاتوں میں اگر کسی مسلمان کی موت ہو جاتی تو اس کی میت کو غسل دینے ، کفنانے اور نماز جنازہ ادا کر کے دفنانے کا کام بھی ماما انجام دیتا تھا۔
دیہاتیوں کے اپنے اپنے کام ہوتے ہیں۔ خالی وقت میں بھی گفتگو کے اپنے موضوعات ہوتے ہیں۔ گھریلو معاملات ، کھیتی کے معاملات ، بینک ، قرض کی جھنجھٹ کے قصے ، گرام پنچایت ، ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے الیکشن وغیرہ پر بحثیں۔ عام دنوں میں کیا ہو رہا تھا دیہاتوں کے چند لوگوں کو ہی معلوم رہتا ہے۔ وہ بھی صرف ان دیہاتوں میں جہاں اکا دکّہ اخبارات پہونچ جاتے تھے۔ یا جن لوگوں کے پاس ٹی وی اور ریڈیو تھا وہ خبریں سن کر اس بارے میں دوسرے لوگوں کو بتا دیتے تھے۔ ان دنوں پتہ چلا کہ مسلمانوں کی کسی بڑی مسجد کو شہید کر دیا گیا جو دراصل رام جنم بھومی تھی۔ اتنی بڑی خبر پر بھی دیہاتوں میں کوئی ردِّ عمل نہیں ہوا۔ پھر خبریں آنے لگیں کہ ملک کے بہت سے حصوں میں اس ردِّ عمل میں فسادات ہو رہے ہیں۔ بمبئی میں خاص طور پر اس کا بہت زیادہ ردِّ عمل ہوا ہے۔ اس سے زیادہ وہ لوگ اور نہیں جان سکے۔
ان دنوں بھی ماما معمول کے مطابق آتا تھا۔ صرف کچھ لوگ اس سے ان معاملوں پر بحث کرتے تھے۔ ماما کو جو معلوم ہوتا ماما اپنی معلومات کے مطابق انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کرتا۔ اس دن معمول کے مطابق ماما گاؤں آیا تھا۔ اور گاؤں سے انڈے اور مرغیاں خرید کر دوسرے گاؤں کی طرف جا رہا تھا۔ اچانک ایک لڑکے نے آ کر گاؤں میں خبر دی۔
" وشنو پراڈکر ، بھاسکر پاٹل ، کشن جادھو ، اتل جاڑیہ نے گاؤں کے باہر ماما کو گھیر لیا ہے۔ ان کے ہاتھوں میں ہتھیار ہیں۔ ایک کے ہاتھ میں تلوار ہے۔ وہ جے شری رام ، جے بھوانی اور جے شیوا جی کے نعرے لگاتے ہوئے ماما پر حملہ کر رہے ہیں اور ماما اپنے بچاؤ کی کوشش کر رہا تھا۔
یہ سننا تھا کہ تقریباً سو کے قریب افراد ماما کی مدد کے لئے بھاگے تھے۔ انہوں نے جا کر نہ صرف ماما کو بچایا تھا بلکہ ان لوگوں کو ہتھیاروں کے ساتھ پکڑ بھی لیا تھا۔ ماما سخت زخمی تھا۔
فوراً ماما کو اسپتال لے جایا گیا۔ اور ان لوگوں کو پولس اسٹیشن۔
" ان لوگوں نے ان ہتھیاروں کے ساتھ عبدالغنی فضل الرحمن عرف ماما پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔ ہم سب اس کے گواہ ہیں انہیں فوراً گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔ " دس بارہ لوگوں نے پولس اسٹیشن میں گواہیاں دیں تھیں۔
ان سب کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولس کو خبر دار کیا گیا تھا کہ اگر ان لوگوں کے ساتھ نرمی سے پیش آیا گیا یا ان کو رہا کر دیا گیا تو اس کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ حملہ آوروں کے حق میں بولنے کے لئے ان لوگوں کی پارٹی کے لوگ ہی آئے تھے لیکن ان کے خلاف بولنے کے لئے چاروں طرف سے لوگ آئے تھے۔ حملہ آوروں کو پولس کے حوالے کرنے کے بعد مجمع اسپتال میں اکٹھا جہاں ماما کا علاج کیا جا رہا تھا۔
ماما کو درکار خون دینے کے لئے قطاریں لگی ہوئی تھیں۔ چاروں طرف سے اسپتال کے ڈاکٹروں اور نرسوں پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ ماما کا اچھی طرح علاج کریں۔ اس کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔ اگر ان سے اس کا علاج نہیں ہو سکتا تو وہ کہہ دیں ہم لوگ ماما کے ضلع کے سرکاری اسپتال لے جائیں گے۔ یا بڑے سے بڑے نجی اسپتال لے جائیں گے۔ لیکن ڈاکٹروں کے ذریعہ ان لوگوں کو اطمینان دلایا جا چکا تھا کہ ماما کا علاج یہاں پر ہی ہو جائے گا۔ فکر کرنے کی اور گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔
ماما کو آپریشن تھیٹر سے لا کر وارڈ میں رکھ دیا گیا۔ وہ بے ہوش تھا۔ اس کے چاروں طرف بھیڑ تھی۔ ڈاکٹر وغیرہ لوگوں کو ماما کے پاس سے ہٹ جانے کے لئے اور وارڈ سے باہر جانے کے لئے بار بار اپیل کر رہے تھے لیکن سب ماما کو دیکھنا چاہتے تھے۔
دو گھنٹے بعد ماما نے آنکھ کھولی۔ اپنے چاروں طرف دیکھا۔ اپنے اطراف کھڑے چہروں کو پہچانا۔ ایک شناسا سی مسکراہٹ اس کے چہرے پر ابھری۔ اور وہ نحیف آواز میں بولا۔
" میں بالکل ٹھیک ہوں۔ ان لوگوں کو پولس کے حوالے نہ کرنا۔ وہ نادان ہیں انہیں نہیں معلوم وہ کیا کر رہے ہیں۔ " سب چپ چاپ ماما کو دیکھ رہے تھے۔ ان کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ پلنگ پر ماما لیٹا ہے یا کوئی دیوتا۔

پارس

کشن گرام پنچایت کے باہر ہی مل گیا۔
" کیا ہوا ، کیا کام ہو گیا۔ "
" نہیں سیٹھ " کشن نے مایوسی سے کہا۔ " سیکریٹری بہت حرامی ہے۔ وہ اس طرح کا سرٹیفکیٹ دینے کے لئے دو ہزار روپے مانگ رہا ہے۔ ہزاروں قانون بتا رہا ہے۔ جس کا کوئی وجود نہیں ہے۔ آپ بے کار ہی ان باتوں کے لئے پریشان ہو رہے ہیں۔ اپنے کھیت میں کنواں کھودنے کے لئے گرام پنچایت یا کہیں سے بھی کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔ میری زندگی گزر گئی میری آنکھوں کے سامنے ہزاروں کنویں اس گاؤں میں اور دوسرے گاؤں میں کھودے گئے ہیں لیکن انہوں نے تو کبھی کنواں کھودنے کے لے گرام پنچایت سے اجازت نامہ نہیں لیا۔ آپ کام شروع کر دیجئے۔ اگر کسی نے ٹانگ اڑانے کی کوشش کی تو اس کی ٹانگ توڑ دوں گا۔ "
آخر میں کشن کا چہرہ غصے سے لال ہو گیا۔
" کشن یہ تو میں بھی جانتا ہوں کہ اپنی زمین میں کنواں کھودنے کے لئے کسی سے بھی کسی قسم کے اجازت نامے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔ " میں نے اسے سمجھاتے ہوئے کہا۔ " لیکن میں اس کنویں کو کھودنے کے لئے بینک سے قرض لے رہا ہوں۔ اور اس قرض کو حاصل کرنے کے لئے بینک کو گرام پنچایت کی طرف سے اس طرح کا تحریر نامہ دینا بہت ضروری ہے کہ اس کنویں کی کھدائی پر گرام پنچایت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بس اسی لئے وہ داخلہ حاصل کرنا چاہتا ہوں۔ "
" وہ حرامی جانتا ہو گا کہ اس قسم کا سرٹیفکیٹ بینک لون کے لئے لگتا ہے۔ اسی لئے دو ہزار مانگ رہا ہے۔ " کشن دانت پیس کر بولا۔ " نیچ ذات کا جو ہے۔ " " کیا مطلب ؟ " میں کشن کا چہرہ تاکنے لگا۔
" ان باتوں کو آپ نہیں سمجھ سکیں گے۔ کیونکہ آپ کے یہاں ذات پات کا کوئی رواج نہیں ہے۔ " کشن بولا۔ " سرکار نے ان لوگوں کو ذات کے نام پر سینکڑوں سہولتیں دے رکھی ہیں۔ اب دیکھئے نہ پتہ نہیں کس طرح یہ طے ہے کہ اس گاؤں کا کوئی سیکریٹری کوئی پس ماندہ ذات سے تعلق رکھنے والا ہونا چاہئیے۔ اور اسے یہ نوکری مل گئی قابلیت کے نام پر وہ صرف میٹرک پاس ہے۔ میں اس کے سارے خاندان سے واقف ہوں اس کا باپ در درکی بھیک مانگتا تھا۔ آج ریزرویشن کی وجہ سے ان کو بڑے بڑے عہدے مل گئے ہیں تو اپنی اوقات بھول گئے ہیں۔ ارے بڑا عہدہ مل جانے سے کوئی ذات تھوڑی بدل جاتی ہے۔
" اب کشن ! چھوڑو ان باتوں کو۔ " میں نے موضوع بدلنے کے لئے کہا۔ " اس کے لئے کوئی دوسرا راستہ نکالتے ہیں۔ آؤ چلو کھیت پر چلیں۔ "
ہم دونوں کھیت کی طرف چل دئے۔
اچانک راستے میں پوپٹ مل گیا۔
مجھے دیکھتے ہی پوپٹ حیرت میں پڑ گیا۔ او رمیں اپنے سر پر ہاتھ پھیرنے لگا کہ یہ مصیبت کہاں مل گئی۔
" ارے اقبال سیٹھ ! آپ یہاں کہاں ؟ "
" اس گاؤں میں ایک کھیت لیا ہے۔ کبھی کبھی اس لئے اس طرف آ جاتا ہوں۔ " میں نے بیزاری سے جواب دیا۔
" ارے اقبال سیٹھ ! یہ گاؤں دھنیہ ہو گیا جو آپ نے اس گاؤں میں اپنا کھیت لے لیا۔ " پھر وہ کشن کی طرف مُڑ کر بولا۔ " کشن ! اقبال سیٹھ جیسا ہیرا آدمی اس دنیا میں ڈھونڈنے سے نہیں ملے گا ارے یہ دل کے راجہ ہیں۔ آج تک کوئی ان کے در سے خالی ہاتھ نہیں گیا۔ "
اس نے اپنے روایتی انداز میں کہنا شروع کیا۔
میں سمجھ نہیں سکا کہ وہ اس وقت شراب کے نشے میں ہے یا پھر پورے ہوش و حواس میں ہے۔ کبھی کبھی میرے لئے اسے پہچاننا بہت مشکل ہو جاتا تھا۔ کہ اس نے شراب پی رکھی ہے یا نہیں۔
کیونکہ وہ شراب کے نشے میں بھی اسی طرح کی باتیں کرتا تھا جس طرح کی باتیں ہوش میں کیا کرتا تھا۔
" سیٹھ ! آپ کیا اسے پہچانتے ہیں۔ " کشن آ کر میرے کانوں میں بدبدایا۔ " میں اسے برسوں سے جانتا ہوں۔ " میں نے جواب دیا۔ " کیوں کیا بات ہے ؟ " " اس کا بیٹا گرام پنچایت کا سیکریٹری ہے جو اس معمولی سرٹیفکیٹ کے لئے ہم سے دو ہزار روپے مانگ رہا ہے۔ " کشن بولا
" کیا کہتے ہو ؟ " میں حیرت میں پڑ گیا۔ " کیا پوپٹ کا لڑکا گرام پنچایت کا سیکریٹری ہے ؟ "
" ہاں ! " کشن نے جواب دیا۔
" کیا بات ہے اقبال سیٹھ ! آپ کیا باتیں کر رہے ہیں ؟ " پوپٹ نے پوچھا۔
" پوپٹ تمہارا بیٹا کیا اس گاؤں کی گرام پنچایت کا سیکریٹری ہے ؟ " میں نے پوچھا۔ " ہاں سیٹھ ! آپ کی دعاؤں سے میرے دن بدل گئے ہیں۔ ایک لڑکا اس گاؤں کی گرام پنچایت کا سیکریٹری ہے ، ایک لڑکا پولس انسپکٹر بن گیا ہے ، ایک لڑکی بینک میں کام کرتی ہے اور ایک لڑکا نائب تحصیلدار ہے۔ "
" پوپٹ کیا کہہ رہے ہو تم ؟ " میں حیرت سے اسے دیکھنے لگا۔
" ہاں سیٹھ ! اب میں پرانا والا پوپٹ نہیں ہوں۔ جو ایک ایک دو دو روپیوں کے لئے آپ کو گھنٹوں تنگ کیا کرتا تھا۔ بھگوان کے دئے سے اب میرے پاس اتنا ہے کہ آج میرے جیسے کئی لوگوں کی روزانہ آپ کی طرح مدد کرتا ہوں۔ " پوپٹ کہنے لگا۔ "ابھی گذشتہ سال پچاس ایکڑ کھیت لیا ہے۔ اس کھیت میں رہنے کے لئے ایک بنگلہ بنایا ہے۔ کھیت جوتنے کے لئے خود کا ٹریکٹر ہے۔ دونوں لڑکوں کے پاس موٹر سائیکل ہے۔ گھر میں رنگین ٹی وی اور خود کا ڈش انٹینا ہے۔ آج کیا نہیں ہے میرے پاس۔ " وہ بتانے لگا تو میں حیرت سے اس کا منہ تکنے لگا۔
کل تک ایک ایک پیسے کے لئے محتاج رہنے والا یہ پوپٹ آج اتنا صاحب حیثیت بن گیا ہے مجھے یقین نہیں آ رہا تھا۔
میری آنکھوں کے سامنے وہ پوپٹ گھوم رہا تھا جو ایک ایک روپیہ کے لئے مجھے گھنٹوں تنگ کیا کرتا تھا۔
کالج کا زمانہ تھا۔
پڑھائی کے لئے میں نے گھر سے قریب ایک کمرہ لے رکھا تھا۔ اس کمرے میں کالج سے آنے کے بعد میں پڑھائی کرتا تھا۔ اخبارات و رسائل کا مطالعہ کرتا اور لکھتا رہتا تھا۔ وہ کمرہ میرے دوستوں کا اڈا بھی تھا۔
کالج سے آنے کے بعد تمام دوست اس جگہ جمع ہو جاتے تھے اور گپ شپ چلتی تھی۔ کبھی تاش کھیل رہے ہیں تو کبھی شطرنج کی بازی لگی ہے۔ کبھی ریڈیو سے فلمی گیت سنے جا رہے ہیں۔ کہیں اگر ٹسٹ میچ یا ون ڈے انٹرنیشنل ہو رہا ہے تو میرے اس کمرے میں میلہ لگا رہتا تھا۔ ریڈیو سے نشر ہونے والی کامینٹری سننے کے لئے اور کبھی کبھی صرف اسکور جاننے کے لئے دور دور سے لوگ وہاں آتے تھے۔ آدھی رات تک اس جگہ میلہ لگا رہتا تھا۔
میں تو وہیں سوتا تھا۔ میرے کئی دوست ایسے تھے جو مستقلاً میرے ساتھ اسی کمرے میں سوتے تھے۔ کبھی کبھی کسی کے گھر مہمان آ جاتے تھے تو مہمان بھی اسی کمرے میں آ کر سوتے تھے۔ مٹی کی دیواروں والا کمرہ تھا جس کی دیواریں بڑی پیچ و خم والی تھیں۔ کہیں سے ابھری ہوئی تو کہیں سے اند ر گئی۔ فرش بھی مٹی کا تھا۔ وہاں اتنے لوگوں کی آمد و رفت رہتی تھی کہ وہ بار بار اکھڑ جاتا تھا اور پورے کمرے میں مٹی ہی مٹی رہتی تھی۔ ہر سال بارش میں بھیگنے کے بعد کمرے کی دیوار کا کوئی نہ کوئی کونا ضرور گر جاتا تھا۔ سال بھر اس کمرے کی مرمت کی ضرورت محسوس ہوتی تھی اور مرمت ہوتی رہتی تھی۔ بارش میں گیلا ہونے کے بعد دروازے کے پاس والی دیوار کا ایک حصہ گر گیا تھا اور اس کی مرمت کی ضرورت تھی۔ اس کی مرمت کے لئے پہلی بار میرے بڑے بھائی نے پوپٹ کو میرے پاس لایا تھا۔ بھائی کی اس طرح کے لوگوں سے کافی جان پہچان تھی۔ پوپٹ سے بھی شاید کافی پہلے سے جان پہچان تھی۔ جس کام کے لئے پوپٹ کو میرے پاس لایا گیا تھا اس کام کو انجام دینے کے لئے پوپٹ کافی مناسب داموں میں تیار ہو گیا تھا۔
مٹی کی اینٹیں بنانی تھیں۔ انہیں سوکھنے کے بعد ان ہی اینٹوں سے دیوار بنانی تھی اور پھر اسی دیوار کا پلاسٹر بھی کرنا تھا۔ کام دو تین دنوں کا تھا۔ مجھے اس کام کے لئے گھر سے کوئی اعانت ملنے والی نہیں تھی اسے اپنی جیب خرچ سے انجام دینا تھا۔ بیس روپے میں پوپٹ وہ کام کرنے کے لئے تیار ہوا تھا۔
پہلے دن اس نے اینٹیں بنائیں۔ ان اینٹوں کو بنانے کے لئے اس نے گٹر کا پانی استعمال کیا۔ گٹر کا پانی استعمال کرنے پر میں نے سخت اعتراض کیا لیکن ان دنوں پینے کے لئے پانی ملنا مشکل تھا تو بھلا اینٹیں بنانے کے لئے پانی کہاں سے مل سکتا تھا ؟
شام کو کام پورا کرنے کے بعد اس نے اپنی مزدوری کے سات روپے مانگے جو میں نے خوشی خوشی دے دئے۔ اس کے بعد وہ مجھ سے ایک روپیہ خوشی سے دینے کی ضد کرنے لگا۔ میں نے انکار کیا تو وہ میری منت سماجت کرنے لگا۔
" اقبال سیٹھ ! بہت تھک گیا ہوں۔ ایک روپیہ کی پی لوں گا تو تھکن اتر جائے گی۔ "
آخر پیچھا چھڑانے کے لئے مجھے ایک روپیہ دینا پڑا۔
بقیہ دو دنوں میں اس نے دیوار بنا ڈالی اور ہر دن انعام کے طور پر منت سماجت کر کے مجھ سے ایک روپیہ لے جاتا۔ اس کے بعد میرے پاس آنا اس کا معمول بن گیا۔ جس دن اسے کام نہیں ہوتا وہ میرے پاس آتا۔
" سیٹھ ! چائے پلائیے۔ "
وہ جب بار بار ضد کرنے لگتا تو میں اسے چائے لانے کے لئے کہتا وہ ہوٹل جا کر خود اپنے لئے اور میرے لئے چائے لاتا اور چائے پی کر کہیں چلا جاتا۔ لیکن شام کو پھر نازل ہو جاتا۔ اور اس کا ایک روپیہ یا دو روپیہ کا سوال ہوتا تھا۔
" سیٹھ ! آج کوئی کام نہیں ملا۔ واپس گاؤں جانا ہے۔ سائیکل کے کرائے کے لئے ایک روپیہ دیجئے۔ "
" سیٹھ ! دو روپیہ دے دیجئے۔ دال سبزی تیل وغیرہ لے کر جاؤں۔ آج کوئی کام نہیں ملا۔ خالی ہاتھ گیا تو بچے بھوکے پیٹ سوجائیں گے۔ "
" سیٹھ ! بہت تھک گیا ہوں شراب پینے کے لئے ایک روپیہ دے دیجئے۔ "
پیسوں کے لئے وہ مجھے اتنا تنگ کرتا تھا اور ایسی ایسی منت سماجت اور حرکتیں کرتا تھا کہ مجھے اسے پیسے دے کر پیچھا چھڑانے میں ہی عافیت نظر آتی تھی۔
میری اماں سے بھی اس نے خاصی جان پہچان بنا لی تھی۔ جس دن وہ کھانے کے لئے کچھ نہیں لاتا تھا سیدھا اماں کے پاس پہنچ جاتا تھا۔ " ماں ! آج کھانے کے لئے کچھ نہیں لایا ہوں کچھ کھانے کے لئے ہو تو دے دیں۔ " اماں اسے کھانے کے لئے دے دیتی تھیں۔ بدلے میں وہ اماں کے چھوٹے موٹے کام کر دیا کرتا تھا۔
میری اماں کو جتنا اس سے انسیت تھی میرے ابا کو اس سے اتنی ہی سخت چِڑھ تھی کہ اسے دیکھتے ہی وہ چراغ پا ہو جاتے تھے۔ " تُو یہاں کیوں آیا ہے ، چل باہر نکل۔ "
اور وہ ہنس کر ٹال دیتا تھا۔ کبھی کبھی تو غصے میں ابا اسے گالیاں بھی دے دیتے تھے۔ لیکن وہ ان کا کبھی برا نہیں مانتا تھا۔ اکثر ایسا ہوا کہ ابا نے اس سے کو ئی کام کرنے کے لئے کہا اور اس نے کام بگاڑ دیا تو اس کے بعد وہ کئی دنوں تک ابا کے عتاب کا شکار رہتا تھا۔ اسے دیکھتے ہی ابا اس پر برس پڑتے تھے اور وہ ہنستا رہتا تھا۔
" اقبال سیٹھ ! ابا کو سمجھائیے۔ ایک بار غلطی ہو گئی بار بار نہیں ہو گی۔ "
اس کی بیوی کھیتوں میں کام کرتی تھی۔ اس کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں تھیں سب بچے اسکول جاتے تھے۔ وہ ان کو باقاعدگی سے اسکول بھیجتا تھا۔
" سیٹھ ! بچے پڑھنے میں سب تمہاری طرح ہی ہیں۔ بہت پڑھتے ہیں اور اچھا پڑھتے ہیں۔ " وہ بچوں کی تعلیم کے معاملے میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں کرتا تھا۔ اکثر آ کر مجھے بتاتا رہتا تھا۔
" سیٹھ ! لڑکے نے ایک کتاب مانگی تھی آج کام کرنے سے جو بھی مزدوری ملی اسی سے کتاب لے لی۔ " بچوں نے کاپیاں مانگی ہیں آج کوئی کام ملا تو ان کے لئے کاپیاں خریدوں گا۔ " کوئی دن ایسا نہیں گزرتا تھا جس دن وہ شراب نہیں پیتا تھا۔ جہاں اسے کوئی اچھا کام ملتا تھا وہ شراب پی کر میرے پاس آتا تھا۔ اور سائیکل کے کرایے کے لئے مجھ سے ایک روپیہ مانگتا تھا۔
کبھی کبھی وہ میرے دوستوں کے لئے نشے کی حالت میں کافی دلچسپی کا سامان بن جاتا تھا۔ وہ اس سے طرح طرح کی حرکتیں کرواتے تھے اور جب وہ ایسا کرتا تو سب لطف اندوز ہوتے تھے۔
ایک دو بار وہ گھر کے تانبے پیتل کے برتن فروخت کرنے کے لئے لایا۔ یہ دیکھ کر میں اس پر غصہ ہو گیا۔
" گھر کے ان برتنوں کو بیچ کر کیا شراب پیئے گا ؟ "
" نہیں سیٹھ ! " وہ عاجزی سے بولا۔ بچوں کے امتحان کی فیس بھرنی ہے۔ میرے پاس تو پیسے نہیں ہیں اس لئے سوچا ان برتنوں کے فروخت کرنے سے اتنے پیسے تو مل ہی جائیں گے جن سے ان کی فیس ادا ہو جائے گی۔ "
میرے پاس بھی اتنے پیسے نہیں تھے کہ میں اسے ادھار دے کر برتن بیچنے سے باز رکھتا ویسے بھی اس نے مجھ سے ادھار لئے روپے کبھی واپس نہیں کئے۔
پھر اس کے بعد تعلیم مکمل کرنے کے بعد میں نوکری کے سلسلے میں دوسرے شہر چلا گیا اور اپنے شہر سے رابطہ ٹوٹ سا گیا۔ سال چھ مہینے میں کبھی ایک دو دنوں کے لئے جانا ہوتا تو وہ مل جاتا اور ملتے ہی دعائیں دینے لگتا۔
" اقبال سیٹھ ! تم تھے تو بچوں کی تعلیم کے سلسلے میں بہت سے مفید مشورے ملتے تھے۔ بچے تو اب بھی پڑھ رہے ہیں۔ مگر ان کی تعلیم میں تمہارے مشوروں کی کمی ہے۔ " اس کے بعد وہ مجھ سے پیسہ لینا نہیں بھولتا تھا۔
اب اس کی مانگ ایک دو روپیہ سے بڑھ کر دس روپے ہو گئی تھی۔ اور دس روپے دینا بھی میرے لئے کوئی مشکل کام نہیں تھا۔ میں اسے پیسہ دیتا تھا لیکن پہلے ہی کی طرح پریشان کرنے کے بعد۔
اس کے بعد کئی سالوں تک میرا اپنے شہر جانا نہیں ہوا۔ ملازمت اور گھر کے جھمیلوں میں بری طرح پھنسا رہا۔ کچھ پیسہ جمع ہوا تو سوچا اس سے کچھ زمین خرید لوں گا۔
ایک چھوٹا سا کھیت اچھے داموں پر مل گیا۔ کھیتی کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ ایک سال میں اس کھیت میں کاشت کرنی پرتی ہے۔ اس کے بعد ہی کھیت نام پر ہوتا ہے وہ کام بھی ہو گیا کھیت کی دیکھ بھال کے لئے ایک آدمی کشن کو میں نے رکھ لیا۔
وہ بڑی محنت سے کھیت کی دیکھ بھال کرتا تھا۔ ویسے بھی اس کھیت سے مجھے کسی آمدنی کی توقع تو نہیں تھی اس کھیت کی آمدنی اسی کھیت میں لگتی رہے میں یہی چاہتا تھا۔
کنواں کھودنے کے لئے سرکار سے قرض لینے کی سوچی۔ سرکار اس طرح کے کاموں پر کافی رقم رعایتوں کے ساتھ قرض دیتی ہے۔ مجھے علم تھا۔ دوسرے تمام کاغذات موجود تھے۔ قرض پاس کرانے کے لئے صرف ایک کاغذ کی کمی تھی۔ جسے لانے کے لئے کشن کو گرام پنچایت بھیجا تھا۔ مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ اس گرام پنچایت کا سیکریٹری پوپٹ کا لڑکا ہے۔ ورنہ یہ کام بہت آسانی سے ہو جاتا تھا کیونکہ وہ مجھے اچھی طرح پہچانتا تھا۔
اس کام کے نا ہونے سے ہم مایوس ہو کر لوٹ رہے تھے کہ راستے میں پوپٹ مل گیا۔ اور میں اس کے بارے میں سوچنے لگا۔ یہی سوچتے سوچتے ہم کھیت تک آ گئے۔
" سیٹھ ! کیا سوچ رہے ہیں۔ " پوپٹ نے مجھے ٹوکا۔
" پوپٹ پنجابا گھیور ! " میں نے اس کا نام دوہراتے ہوئے کہا۔ " تُو تو بہت بڑا آدمی بن گیا رے۔ "
" کیا بڑا آدمی سیٹھ ؟ " وہ بولا۔ " میں تو آج بھی آپ کے لئے وہی پرانا پوپٹ ہوں۔ بڑے آدمی کا جہاں تک سوال ہے سب اوپر والے کا کرم اور سرکاری سہولتوں کی عنایت ہے۔ جو میرا خاندان اس مقام تک پہنچا ہے۔ آپ تو جانتے ہیں ہمارا تعلق نچلے طبقہ سے ہے اور پس ماندہ ذاتوں کو سرکار نے ریزرویشن کی سہولت دے رکھی ہے۔ اس کا فائدہ میری اولاد کو ملا ہے۔ ریزرو سیٹ پر میرے دو لڑکے پولس سب انسپکٹر اور نائب تحصیلدار بن گئے اسی سہولت کی وجہ سے لڑکی کو بینک میں نوکری مل گئی ہے اور اسی سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک لڑکا اس گرام پنچایت کا سیکریٹری بن گیا ہے اور تو اور سیٹھ ! مجھے ایک پارٹی الیکش ٹکٹ بھی دے رہی ہے میں جس گاؤں میں رہتا ہوں اس حلقہ میں ضلع پریشد کی سیٹ ریزرو ہے اور اس سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لئے ایک اعلیٰ ذات کا امیدوار پارٹی کے پاس نہیں ہے۔ میں اس پارٹی کا ممبر ہوں اس لئے اس بار انہوں نے مجھے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے میں الیکشن جیت جاؤں گا۔ ایک سال کے لئے سبھا پتی پس ماندہ ذات والوں کو بنانا ضروری ہے وہ پارٹی تن من دھن کی بازی لگا دے گی۔ "
وہ بتانے لگا اور میں حیرت سے اسے دیکھنے لگا۔
ایک معمولی آدمی اتنا بڑا اور اہم آدمی بن جائے گا اور اتنی ترقی کر جائے گا میں نے تو خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔ آج اس کی ذات کو ملنے والی سہولتوں کی وجہ سے اس کے تمام بچے اچھے عہدوں پر فائز ہیں۔ اب یہ دیگر بات ہے کہ وہ ان عہدوں کے قابل ہیں یا نہیں یا ان سے زیادہ قابل لوگ ان عہدوں اور ان سے چھوٹی چھوٹی نوکریوں کے لئے در در بھٹک رہے ہیں۔
" پوپٹ ! میرا ایک چھوٹا سا کام کر دو۔ "
" بولو سیٹھ ! " وہ سعادت مندی سے بولا۔ تو میں نے اسے کام بتایا۔
" ابھی لو سیٹھ ! ابھی جا کر وہ سرٹیفکیٹ لے کر آتا ہوں۔ اس کمینے نے آپ کے اتنے سے کام کے لئے آپ سے اتنے پیسے مانگے ؟ ابھی اسے مزہ چکھاتا ہوں۔ لیکن سیٹھ ! اس کی غلطی نہیں ہے۔ اسے معلوم نہیں ہو گا کہ یہ اقبال سیٹھ کا کام ہے۔ " آدھے گھنٹے کے اندر وہ سرٹیفکیٹ لے آیا۔
اس کی لڑکی اسی بینک میں کام کرتی تھی جہاں مجھے کنواں کھودنے کے لئے قرض پاس کروانا تھا۔ اس کی وجہ سے ایک دن میں میرا وہ کام بھی ہو کر پیسہ بھی مل گیا۔ اس کے علاوہ اس کا ایک بیٹا جو تحصیلدار تھا۔ اس نے میری زمین کے لئے کئی سرکاری سہولتیں بھی دے دیں۔
میں خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا تھا کہ کبھی پوپٹ میرے اتنے کام آئے گا۔ سارے کام ہو جانے کے بعد وہ اس دن بھی شراب پینے کے لئے مجھ سے دس روپے لینا نہیں بھولا۔
جسے ہر کوئی پتھر سمجھتا تھا۔ کبھی اس طرح سے پارس بن جائے گا کسی نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔

برین ٹیومر

جب ہوش آیا تو اس نے خود کو ایک سڑک کے کنارے ایک درخت کے نیچے بیٹھا ہوا پایا۔ سامنے تارکول کی سڑک پر دور دور تک دھوپ پھیلی ہوئی تھی۔ اکا دکا سواریاں آ جا رہی تھے۔ آس پاس کی فلک بوس عمارتوں کی بالکنیاں ویران تھیں۔ دھوپ کی شدت کی وجہ سے شاید مکین ان سے جھانکنے کی جسارت بھی نہیں کر رہے تھے۔
سڑک کی دونوں طرف دور دور تک دکانوں کا ایک سلسلہ تھا۔ ان میں کچھ دوکانیں بند تھیں لیکن باقی کھلی ہوئی تھیں۔ بند دوکانوں کے شیڈ میں ایک دو آوارہ کتے دھوپ اور گرمی سے بچنے کے لئے لیٹے ہوئے تھے۔ یا اکا دکا راہ گیر ان کے سائے میں کھرے ہو کر سستا رہے تھے۔ کبھی کبھی ان کی بے چین نظریں بار بار ویران سڑک کی طرف اٹھ جاتی تھیں۔ شاید انہیں اپنی سواری کا انتظار تھا۔
جو دوکانیں کھلی ہوئی تھیں ان میں گاہکوں کا نام و نشان بھی نہیں تھا۔ ان دوکانوں میں ان دوکانوں کے مالک اور ان میں کام کرنے والے نوکر بیٹھے یا تو اونگھ رہے تھے یا منہ پھاڑ کر جماہیاں لے رہے تھے۔
وقت معلوم کرنے کے لئے اس نے اپنی کلائی پر بندھی گھڑی دیکھی تو اس کا دل دھک سے رہ گیا۔ کلائی پر گھڑی نہیں تھی۔
کلائی پر بندھی گھڑی نہ دیکھ کر یاد آیا کہ اس کے پاس ایک چھوٹی سی اٹیچی بھی تھی۔ جس میں دوپہر کے کھانے کا ڈبہ ، ایک دو غیر ضروری فائل ، کچھ اخبارات اور رسالے اور کچھ نوٹس وغیرہ تھے۔
وہ اٹیچی اسے کہیں نظر نہیں آئی۔ اس کا مطلب تھا وہ اٹیچی بھی گھڑی کی طرح غائب ہے۔ لاشعوری طور پر اس کا ہاتھ پتلون کی جیب کی طرف رینگ گیا اور وہ جیب میں پرس تلاش کرنے لگا۔
ظاہر سی بات ہے ایسی حالت میں جیب میں پرس کی موجودگی ناممکن سی بات تھی۔ اس نے ایک ٹھنڈی سانس لی اور پتلون کی چور جیب میں اپنی انگلیاں ڈالیں اس کی انگلیاں نوٹوں سے ٹکرائیں تو اسے کچھ اطمینان ہوا۔
پرس میں دس بیس روپیوں کے نوٹ ، کچھ وزیٹنگ کارڈ اور لوکل کا ماہانہ پاس تھا۔
دھیرے دھیرے اسے یاد آنے لگا کہ جب وہ گھر سے آفس جانے کے لئے نکلا تھا تو سر میں ہلکا ہلکا درد تھا۔ جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا تھا۔ اسے اچھی طرح یاد ہے وہ وی ٹی جانے والی لوکل ٹرین میں سوار ہوا تھا۔ لیکن پھر ٹرین سے یہاں کس طرح پہنچا ؟ اسے کچھ یاد نہیں آ رہا تھا۔
مگر یہ جگہ کون سی ہے ؟
اس سوال کے ذہن میں سر اٹھاتے ہی اس نے سامنے والی دوکانوں کے سائن بورڈ غور سے دیکھے۔
" تم میں اس وقت گھاٹ کوپر میں ہوں۔ " بڑبڑاتے ہوئی اس نے اپنے ہونٹ بھینچے اور پھر آسمان کی طرف دیکھنے لگا۔ سورج جس زاویے پر رکا ہوا تھا اس سے تو ایسا لگ رہا تھا کہ اس وقت دوپہر کا ایک یا ڈیڑھ بج رہا ہو گا۔
وہ ممبرا سے آٹھ بجے لوکل میں سوار ہوا تھا۔
اس کا مطلب ہے وہ چار ، پانچ گھنٹے مدہوشی کے عالم میں رہا۔
جسم پر کوئی خراش کا نشان نہیں تھا۔ اس کا مطلب ہے آج اس کے ساتھ کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔
بس کچھ گھنٹوں کے لئے اس کے دماغ کا جسم سے رابطہ ٹوٹا اور اس درمیان جسم نے کیا کیا ، کیا اور اس کے ساتھ کیا ہوا اسے کچھ یاد نہیں آ رہا تھا۔ اور اب یاد آ بھی نہیں سکتا تھا۔
اسے علم تھا دماغ سے جسم کا رابطہ ٹوٹتے ہی وہ لوکل سے اتر گیا ہو گا اور یونہی انجان سڑکوں پر بے مقصد آوارہ گردی کر رہا ہو گا۔ یا تو پھر چکرا کر اسی جگہ گر پڑا ہو گا جس جگہ اس وقت بیٹھا ہے۔ یا پھر مدہوشی میں عجیب و غریب مجنونانہ حرکتیں کر کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہو گا۔
اس کی مجنونانہ حرکتیں اور اس کے ہاتھ کی اٹیچی کسی غنڈے کی توجہ کا مرکز بنی ہو گی۔
غنڈے نے بڑے اطمینان سے اسے اس جگہ بٹھایا ہو گا جہاں اس وقت وہ بیٹھا ہوا ہے۔ بڑے اطمینان سے اس نے اس سے ایک دو باتیں کی ہوں گی اور اس کی کلائی سے گھڑی اتاری ہو گی پھر جیب سے پرس نکالا ہو گا اور ہاتھ سے اٹیچی لے کر اطمینان سے چلتا بنا ہو گا۔ وہ چپ چاپ اسے جاتا دیکھ رہا ہو گا یا پھر درخت کے سائے میں لیٹ گیا ہو گا۔ کیا ہوا ہو گا ؟ اس بات کا وہ صرف اندازہ ہی لگا سکتا تھا۔ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے ؟ کسی سے معلوم بھی نہیں ہو سکتا تھا۔ مگر جو کچھ اس کے ساتھ ہوا اسے اس کا بہت افسوس تھا۔
آج اسے پھر گھر والوں اور بیوی کو اپنے لٹنے کی ایک فرضی کہانی سنانی پڑے گی لیکن وہ کل آفس میں کیا جواب دے گا ؟ بنا اطلاع کے وہ آفس سے کیوں غائب رہا۔ اسی طرح پہلے ہی اس کی بے شمار چھٹیاں ہو چکی تھیں۔ اور آج تو آفس میں اس کی موجودگی بے حد ضروری تھی۔
اس کی غیر حاضری سے آفس میں ہنگامہ مچ گیا ہو گا۔
ڈیڑھ دو ہی بج رہے ہیں۔ کیا کریں ؟ آفس جانے کا اب بھی وقت ہے۔
لیکن وہ اپنے آپ کو جسمانی طور پر اتنا لاغر اور تھکا ہوا محسوس کر رہا تھا کہ نہ تو اس میں آفس جانے کی قوت تھی نہ گھر واپس جانے کی۔ لیکن آفس بھی نہ جائے اسے واپس گھر تو جانا ہی پڑے گا۔
وہ اٹھا اور بوجھل قدموں سے اسٹیشن جانے کا راستہ ڈھونڈتا اسٹیشن کی طرف چل دیا۔ راستے میں اس نے ایک گاڑی والے کے پاس سے وڑا پاؤ کھایا اور چائے پی۔
کچھ دیر قبل جس بھوک کی شدت سے اسے کمزوری کا محسوس ہو رہی تھی وہ کچھ دور ہوئی۔ اس کے ذہن میں ایک ہی بات گونج رہی تھی۔
" آج پھر اس پر دورہ پڑا تھا۔ اور یہ دورہ پانچ چھ گھنٹوں کا تھا۔ "
ڈاکٹروں کا کہنا تھا ممکن ہے شروعات میں اس طرح کے دورے کچھ گھنٹوں تک محدود رہیں لیکن یہی صورت حال رہی تو یہ دورے کئی کئی دن اور کئی کئی مہینوں کے بھی ہو سکتے ہیں۔ یعنی وہ کئی کئی مہینوں تک زندہ ہوتے ہوئے بھی مردوں سا رہے گا۔ مہینوں ایسی زندگی گزار سکتا ہے جس کا اس کی اصلی زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ اس کی اصلی زندگی کی کوئی بات اسے یاد نہیں آئے گی۔ اور بعد میں اس لا تعلق زندگی کی کوئی بات بھی اسے یاد نہیں آئے گی۔ اور ایسا بھی ہو سکتا ہے اس طرح کے دوروں کے درمیان وہ ٹیومر پھٹ جائے اور اس کی زندگی کا خاتمہ ہو جائے۔
" آخر وہ پھٹ کیوں نہیں جاتا ؟ " وہ جھنجھلا کر سوچنے لگا۔ " اسے پھٹ جانا چاہئیے۔ اس کے پھٹ جانے سے مجھے اس کربناک زندگی سے نجات تو مل جائے گی۔ "
" تم مرنا چاہتے ہو ؟ " اس کے اندر کوئی زور سے ہنسا۔ " نہیں ، تم مر نہیں سکتے تم مرنے سے ڈرتے ہو۔ تم مرنا نہیں چاہتے ہو۔ اسی لئے تو تم اپنا علاج نہیں کروا رہے ہو۔ کیونکہ ممکن ہے علاج کے دوران تمہاری موت واقع ہو جائے۔ یا تم زندگی بھر کے لئے اندھے ، لنگڑے ، لولے ، اپاہج ہو جاؤ۔ یا تمہارا ذہن ہمیشہ کے لئے ایک کبھی نہ چھٹنے والی تاریکی میں ڈوب جائے۔ اور تم ہوش میں رہتے ہوئے بھی ہمیشہ کے لئے بے ہوش ہو جاؤ۔ "
آخر وہ ان دوروں کا عذاب کب تک جھیلتا رہے گا ؟
شاید موت ہی اسے اس عذاب سے نجات دلا سکتی ہے۔ لیکن موت کب آئے گی ؟ جب اس کے دماغ کا ٹیومر پھٹ جائے گا۔
اس کے دماغ کا ٹیومر کب پھٹے گا ؟
اس بارے میں تو نہ کوئی بتا سکتا تھا اور نہ کوئی پیشن گوئی کر سکتا ہے۔ ممکن ہے ابھی ایک سیکنڈ بعد وہ ٹیومر پھٹ جائے یا پھر ہو سکتا ہے زندگی بھر وہ ٹیومر نہ پھٹے اور زندگی بھر وہ اس عذاب میں مبتلا رہے۔
اسے تو اس بات کا قطعی علم نہیں تھا کہ اس کے دماغ میں کوئی ٹیومر بھی ہے۔ جسے عرف عام میں برین ٹیومر کہتے ہیں۔ ہاں یہ بات ضرور تھی کہ بچپن سے وہ درد سر کا مریض تھا۔ اور بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ وہ درد بڑھتا ہی گیا۔ اور وہ اس کربناک عذاب میں مبتلا رہا۔
بچپن میں جب اس کا سر درد کرتا تو وہ اس درد کا بہانہ بنا کر اسکول سے چھٹی لے لیتا تھا۔ اس کے ٹیچر اس کے چہرے کے تاثرات اور کیفیت دیکھ کر ہی اندازہ لگا لیتے تھے کہ سچ مچ اس کے سر میں سخت درد ہے اور وہ اسے چھٹی دے دیتے تھے۔ اس وقت وہ بہت خوش ہوتا تھا اور سوچتا تھا روزانہ اس کا سر دکھا کرے اور اسے روزانہ اسی طرح اسکول سے چھٹی ملتی رہے۔
لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ بڑھنے والی اس سر درد کی تکلیف سے اسے کوفت ہونے لگی تھی۔ اس نے اس مرض کی کئی ڈاکٹروں سے دوائیں لیں۔ ڈاکٹروں کی دواؤں سے وقتی طور پر درد غائب ہو جاتا۔ لیکن کچھ دنوں بعد پھر معمول کے مطابق سر اٹھاتا۔
اس کی دائمی سر درد کی شکایت دیکھ کر ڈاکٹروں نے اسے مائیگرین کا مریض قرار دیا۔ مائیگرین جس کا کوئی علاج نہیں ہے۔ خود کو مائیگرین کا مریض قرار دئے جانے کے بعد اسے کم سے کم اس بات کا اطمینان تو ہو گیا کہ ا ب اسے دواؤں کا استعمال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وہ ایک ایسے مرض میں مبتلا ہے جس پر دوائیں کارگر ثابت نہیں ہوتیں۔
اس نے اپنے اندر درد کی شدت کو برداشت کرنے کی قوت پیدا کی۔ یہ سلسلہ برسوں تک چلتا رہا۔ جب بھی اس کے سر میں درد اٹھتا وہ نہ تو اس کا علاج کرتا نہ کوئی دوا گولی لیتا۔ چپ چاپ اس درد کو برداشت کرتا۔ کچھ گھنٹوں کے بعد وہ درد خود بخود غائب ہو جاتا۔ لیکن دھیرے دھیرے اسے پتہ چلا جب وہ شدید سر درد میں مبتلا ہوتا ہے تو کبھی کبھی بڑی عجیب حرکتیں کرنے لگتا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو اس کے بارے میں تشویش ہونے لگتی ہے۔
اس بارے میں اسے اس کے دوستوں اور آفس کے لوگوں نے بتایا تھا کہ کئی کاغذات پرزہ پرزہ کر ڈالے اور کورے کاغذات کو برے سلیقے سے فائلوں میں لگا کر رکھ دیا۔ کئی اہم کاغذات پر بلا وجہ غیر ضروری اسٹامپ لگا کر اپنے دستخط کر دئے۔ تو کبھی کبھی اخبارات اور آفس کے کاغذات پر گھنٹوں پتہ نہیں کیا اول فول ٹائپ کرتا رہا۔
اس کی ان حرکتوں سے لوگوں نے اندازہ لگایا کہ اس پر عجیب قسم کے شدید دورے پڑتے ہیں۔ دورے پڑنے کی شکایتیں اس سے کئی بار اس کے گھر والوں اور دوستوں نے کی تھیں۔ دوروں کی حالت میں وہ چاول کو پانی کی طرح پینے لگتا اور پانی کو روٹی کی طرح کھانے کی کوشش کرتا۔ گھر کی چیزیں غلط مقامات پر رکھتا یا ان کا غلط استعمال کرتا۔
ایک بار تو ان حرکتوں سے اس کی زندگی خطرے میں پڑ گئی تھی۔ اس نے مٹی کا تیل اپنے جسم پر ڈال لیا اور پانی سمجھ کر مٹی کا تیل پی لیا۔ معمول پر آنے کے بعد اسے اپنے دوروں کی تفصیل معلوم ہوتیں تو اس کے جسم میں خوف کی سرد لہریں دوڑنے لگتیں۔ آج اس کے ساتھ کیا ہو جاتا۔
اف ! وہ کس طرح کی زندگی گزار ر ہا ہے۔ آخر ان دوروں سے مجبور ہو کر اسے ڈاکٹر کی صلاح لینی پڑی۔ ڈاکٹر نے اس کی پوری کیس ہسٹری سنی ، سر کا ایکسرے نکالا۔ اچھی طرح چیک اپ کیا اور اس کے بعد اسے بتایا گیا۔
" تمہارے دماغ میں ایک ٹیومر ہے اور اس کی وجہ سے تم اس طرح کی حرکتیں کرتے ہو یا تمہارے ساتھ ایسا ہوتا ہے۔ " ڈاکٹر نے اسے بڑی تفصیل سے اس برین ٹیومر یا اس بیماری کے بارے میں بتایا تھا۔ اس کے سر میں درد اس لئے ہوتا تھا کہ اس ٹیومر کی وجہ سے دماغ کے کچھ حصوں کو خون کی سپلائی رک جاتی تھا۔
جیسے جیسے ٹیومر بڑا ہونے لگا درد کی شدت بھی بڑھنے لگی۔ اور اب صورت حال یہ ہے کہ جب دماغ کے بہت بڑے حصے کو خون کی سپلائی رک جاتی ہے تو دماغ اور جسم کا تعلق ٹوٹ جاتا ہے۔ اور وہ اس حالت میں اول جلول حرکتیں کرنے لگتا ہے۔
" اس کا کوئی علاج ہے ڈاکٹر صاحب ؟ "
" اس کا تو بس ایک ہی علاج ہے۔ آپریشن کے ذریعہ سر سے اس ٹیومر کو نکال دیا جائے۔ " " میں اس عذاب سے نجات پانے کے لئے آپریشن کرانے کے لئے بھی تیار ہوں ڈاکٹر صاحب ! "
" لیکن یہ آپریشن اتنا آسان نہیں ہے جتنا تم سمجھ رہے ہو۔ معاملہ دماغ کا ہے ممکن ہے یہ آپریشن کامیاب نہ ہو اور اس آپریشن کے درمیان تمہاری موت واقع ہو جائے یا یہ بھی ممکن ہے آپریشن کے دوران تمہارے دماغ کا کوئی حصہ متاثر ہو جائے اور تم زندگی بھر کے لئے اندھے ، لنگڑے ، لولے یا اپاہج بن جاؤ۔ تمہاری آنکھوں کی بینائی کھو جائے۔ یا تمہاری قوتِ گویائی صلب ہو جائے۔ یہ بڑا پرخطر آپریشن ہوتا ہے۔ اگر آپریشن کے دوران دماغ کا کوئی بھی حصہ معمولی طور پر بھی متاثر ہو جائے تو وہ اپنا کام بند کر دیتا ہے اور اس کے اثرات کیا ہو سکتے ہیں میں تو بتا ہی چکا ہوں۔
" نہیں نہیں ڈاکٹر صاحب ! " ڈاکٹر کی بات سن کر وہ کانپ اٹھا تھا۔ " میں مرنا نہیں چاہتا۔ میں اندھا ، لنگڑا ، لولا ہو سکتا ہوں۔ نہیں نہیں میں آپریشن نہیں کروں گا۔ چاہے مجھے کتنا ہی درد کتنی ہی تکلیف سہنی پڑے۔ چاہے مجھے کتنے ہی شدید دوروں کے عذاب سے گزرنا پڑے۔ اگر میرے دماغ کا ٹیومر پھٹ جاتا اور میری موت ہو جاتی ہے تو مجھے وہ موت منظور ہے کیونکہ وہ میری فطرتی موت ہو گی۔ لیکن آپریشن کر کے نہ تو میں غیر فطری زندگی جینا چاہتا ہوں نہ غیر فطری موت مرنا چاہتا ہوں۔ "
ڈاکٹر نے اسے بہت سمجھایا لیکن اس نے ڈاکٹر کی ایک نہ مانی۔ اس نے کسی کو نہیں بتایا کہ اس کے دماغ میں ایک ٹیومر ہے اور اسی ٹیومر کی وجہ سے اس عذاب میں مبتلا ہے۔ اور ممکن ہے وہ ٹیومر ایک دن اس کی جان بھی لے لے۔ ظاہر سی بات تھی وہ گھر والوں یا دوستوں کو اپنی بیماری کے بارے میں بتاتا تو وہ اس کی جان بچانے کے لئے اسے زندہ دیکھنے کے لئے اس پر آپریشن کے لئے زور ڈالتے۔ اور آپریشن کا انجام کیا ہو سکتا ہے اسے علم تھا۔
اس لئے اس نے اپنی بھلائی اسی میں سمجھی کہ اپنے مرض کے بارے میں کسی کو نہ بتایا جائے۔ اور اس طرح ہر طرح کے دباؤ سے آزاد رہ کر کچھ دنوں کی ہی سہی لیکن باقی بچی زندگی تو وہ چین سے گزار سکے۔ ا س کے بعد اس کے ساتھ وہی ہوتا رہا جو پہلے ہوتا آ رہا تھا۔ کبھی کبھی درد کی شدت اتنی بڑھ جاتی کہ وہ دیواروں سے اپنا سر ٹکرا کر لہولہان کر لیتا تھا۔ کبھی کبھی دورے کی حالت میں اس کے ہاتھوں سے ایسے کام سرزد ہو جاتے تھے جن کے نقصان کی تلافی وہ مہینوں تک نہیں کر پاتا تھا۔ اسے آفس سے کئی میمو مل چکے تھے۔ کیونکہ وہ دورے کی صورت میں آفس کے کئی ضروری کاغذات پھاڑ چکا تھا۔
ایک بار اس کے باس نے اس کے دوروں سے عاجز آ کر اسے میمو دے دیا کہ وہ پندرہ دن کے اندر اپنا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرے ورنہ اسے ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا۔ ملازمت سے برطرفی کے تصور سے ہی وہ کانپ اٹھا۔ اگر اسے نوکری سے نکال دیا گیا تو وہ کیا کرے گا ، کون اسے نوکری دے گا ، ایسی حالت میں کیا وہ کوئی دوسرا کام کر پائے گا ، اس کے گھر والوں اور بیوی بچوں کا گزر کس طرح ہو گا۔ مجبوراً اسے اپنی نوکری بچانے کے لئے ایک ڈاکٹر کو رشوت دے کر اپنی فٹنیس کا جھوٹا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا پڑا۔ تب سے وہ بہت ڈرتا تھا۔ اور رات دن خدا سے دعا کرتا تھا کہ کم سے کم اپنے آفس میں دورہ نہ پڑے۔ اگر پڑے بھی تو اس کے ہاتھوں کوئی ایسا کام نہ ہو جس سے اس کی ملازمت پر آنچ آئے۔ لیکن یہ اس کے بس میں کہاں تھا۔ اگر یہی بات اس کے بس میں ہوتی تو اس کے لئے کوئی مسئلہ ہی نہیں تھا۔
کئی بار ایسا ہوا کہ دورے کی حالت میں بھٹکتا وہ پتہ نہیں کہا سے کہاں پہونچ گیا یا کسی سواری سے ٹکرا کر سخت زخمی ہو گیا۔ دورے کی حالت میں اس کا سامان کہاں گر گیا یا کسی نے چرا لیا ؟ اسے علم نہیں ہو سکا۔ وہ گھر سے نکلتا تو اسے محسوس ہوتا ابھی اس کے سر کا ٹیومر پھٹ جائے گا اور ابھی اس کی موت واقع ہو جائے گی۔ اس کی لاش لا وارث لاش کی طرح سڑک پر بے گور و کفن پڑی رہے گی۔ گھر والوں کو اس کی موت کی خبر بھی نہیں مل پائے گی۔
آفس میں ہوتا تو کام کرتے کرتے بار بار اسے محسوس ہوتا کہ اس کا ٹیومر ابھی پھٹ پڑے گا اور اس کی زندگی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ رات میں جب وہ سونے کے لئے لیٹتا تو ہر رات اسے محسوس ہوتا یہ اس کی زندگی کی آخری رات ہے۔ رات کے کسی پہر اس کے سر کا ٹیومر پھٹ جائے گا اور سویرے گھر والوں کو بستر پر اس کی لاش ملے گی۔
پتہ نہیں اس کی زندگی ایک پل کی بھی باقی ہے یا پھر اسے اس عذاب میں ابھی برسوں جینا ہے۔ وہ ترشنکو بن کر زندگی اور موت کے درمیان لٹکا ہوا تھا۔ نہ اسے زندگی اپنے موہ سے آزاد کرپا رہی تھی اور نہ موت اسے گلے لگا رہی تھی۔ وہ بوجھل قدموں سے ریلوے اسٹیشن کی طرف بڑھ رہا تھا اچانک سر میں ہلکا ہلکا درد ہونے لگا جس کی شدت بڑھتی جا رہی تھی۔ اس کے دل کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں۔ پھر ...... درد ...... پھر دورہ۔ اوہ گاڈ !۔ وہ گھر واپس پہنچ پائے گا بھی یا نہیں ؟
اور سر پکڑ کروہ ایک جگہ بیٹھ گیا۔

اکیلا

اچانک اسے محسوس ہوا کہ وہ جنگل میں بالکل تنہا ہے۔ اس بات کا احساس ہوتے ہی وہ کانپ اٹھا۔ اس کے دل کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں۔ خوف کی لہریں اس کے جسم میں دوڑنے لگیں اور ماتھے پر پسینے کی بوندیں ابھر آئیں۔ آواز جیسے حلق میں گھٹ کر رہ گئی۔
چاروں طرف دور دور تک پھیلا بھیانک جنگل اور اس پر چھایا پر ہول سناٹا اس کو کسی اژدھے کی طرح جکڑنے کے لئے آگے بڑھ رہا تھا۔
جنگل کا ایک ایک گوشہ اسے پر آسیب اور پر خطر محسوس ہونے لگا۔
اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا یہ سب اچانک کس طرح ہو گیا ؟
وہ اچانک جنگل میں کس طرح رہ گیا ہے ؟
باوجود لاکھ کوشش کے وہ پتہ نہیں لگا سکا کہ وہ کب اور کیوں تنہا ہوا۔ جہاں تک اسے یاد تھا وہ جنگل میں اکیلا نہیں تھا وہ تو کئی لوگوں میں گھرا ہوا تھا۔ وہ سب ایک جگہ ساتھ بیٹھتے تھے آپس میں ہنسی مذاق کرتے تھے ایک دوسرے کے دکھ درد اور تنہائیاں بانٹتے تھے۔ کسی کو کبھی محسوس ہی نہیں ہوتا تھا کہ وہ جنگل میں تنہا ہیں ان کے گھر بھی اطراف ہی میں تھے اور ایک طرح سے اس جنگل میں اس جگہ ایک اچھی خاصی بستی آباد تھی جس میں زندگی کی گہما گہمی تھی۔ لیکن اسے یاد نہیں آ رہا تھا وہ تمام اچانک کہاں اور کیسے اسے اس جگہ تنہا چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور تو اور جاتے وقت اپنے ساتھ اپنے گھر اور اپنی ہر چیز بھی اس خوبی سے لے کر چلے گئے ہیں کہ اس بات کا پتہ ہی نہیں چل سکا۔
اچانک ہوا کے چلنے سے جنگل میں ایک خوفناک آواز گونجنے لگی اور اس آواز کو سن کر اس کا دل کسی خشک پتے کی طرح لرزنے لگا۔
" تم سب کہاں ہو ؟ "جب اس سے برداشت نہیں ہو سکا تو وہ چیخ اٹھا۔
" تم لوگ مجھے اکیلا چھوڑ کر کہاں چلے گئے ہو ؟ مجھے یہاں بہت ڈر لگ رہا ہے۔ "
لیکن اس کی آواز جنگل کے پرہول سناٹے میں گونج کر رہ گئی وہ لاکھ اپنی صدا کے جواب میں جوابی صدا کے لئے بے چین رہا۔ لیکن اس کی آواز کسی گنبد میں گونجنے والی صدائے بازگشت بن کر رہ گئی اور اس جنگل میں گونجتی رہی۔
وہ گونج لمحہ بہ لمحہ تیز سے تیز تر ہوتی گئی اور آخر میں اتنی خوفناک ہو گئی کہ اسے اپنے کانوں کے پردے پھٹتے محسوس ہونے لگے۔ گھبرا کر اس آواز کی اذیت سے بچنے کے لئے اس نے اپنے کانوں میں اپنی انگلیاں ٹھونس لیں۔
اچانک ایک نیزہ ہوا میں لہراتا ہوا آیا اور اس سے چند قدموں کے فاصلے پر آ کر زمین میں پیوست ہو گیا۔ خوف سے اس کا رنگ پیلا پڑ گیا اور سارا جسم پسینے میں بھیگ گیا۔ اسے محسوس ہوا کہ یہ پہلا اور آخری نیزہ نہیں ہے وہ چاروں طرف سے نیزوں کے درمیان گھرا ہوا ہے۔ وہ نیزے اس کے اطراف چھپے ہوئے ہیں۔
اچانک اس پر نیزوں کی برسات سی ہونے لگی۔ نیزوں کی نوکیں آ کر اس کے جسم سے ٹکرائیں گی اور اس کا جسم لہولہان ہو کر اپنی روح کو کھودے گا۔ وہ اچھی طرح دیکھ رہا تھا اس کے چاروں طرف ہزاروں نیزے تنے ہوئے ہیں۔ وقفہ وقفہ سے وہ نیزے اس کے قریب آ آ کر گر رہے تھے۔ کبھی کبھی کوئی نیزہ آ کر اس کے جسم سے بھی ٹکرا جاتا اور اس کے جسم کو گھائل کر دیتا۔ یہ کیسا عذاب ہے اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا۔ پہلے تو اس نے اس جگہ کبھی نیزوں کو نہیں دیکھا تھا پہلے تو اس پر کبھی اس طرح نیزوں سے حملہ نہیں ہوا تھا وہ آٹھ سالوں سے وہاں رہ رہا تھا۔
اچانک اسے اپنے قریب لکڑی کا ایک ٹکڑا نظر آیا۔ اس نے لکڑی کا وہ ٹکڑا اٹھا لیا اور اس سے ڈھال کا کام لینے لگا۔ جیسے ہی ہوا میں سرسراتا ہوا کوئی نیزہ اس کے جسم کو چھونے کے لئے آگے بڑھتا وہ اس لکڑی کے ٹکڑے سے اسے روک لیتا تھا۔ وہ نیزہ رک جاتا تھا لیکن یہ بڑا مشکل کام تھا۔ کیونکہ کبھی کبھی نیزے لکڑی کے ٹکڑے میں دھنس کر اس کے ہاتھوں کو گھائل کر دیتے تھے۔
اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا ان نیزوں سے اس پر کون اور کیوں حملہ کر رہا ہے؟ حملہ آور اسے دکھائی نہیں دے رہے تھے۔
اچانک اسے ایک پیڑ کی آڑ میں ایک سایہ نظر آیا اس کے ہاتھ میں نیزہ تھا اس کی طرف پھینکنے کے لئے جیسے ہی اس نے نیزہ تانا اس نے اس کے سائے کو اچھی طرح دیکھ لیا۔ اسے وہ شکل و صورت کچھ شناسا سی لگی۔ تھوڑا یاد کرنے پر اسے یاد آیا کہ یہ وہی شخص ہے جو کچھ لمحوں پہلے اس کے ساتھ تھا جب وہ تنہا نہیں تھا۔ اسے بڑی حیرانی ہوئی۔ کچھ لمحوں قبل تک کا کا اس کا مونس و غمخوار اس کا وہ دوست اس کی جان کے درپے کیوں ہو گیا ہے ؟ اس پر نیزے سے حملہ کیوں کر رہا ہے ؟ اس نے گھبرا کر چاروں طرف دیکھا تو اسے کچھ نظر نہیں آیا۔ لیکن اسے محسوس ہوا چاروں طرف درختوں کی آڑ میں اس پر حملہ کرنے کے لئے نیزے تانے وہی لوگ چھپے ہوئے ہیں جو کچھ لمحوں قبل تک اس کے ساتھ تھے۔
" تم ! تم لوگوں کو میں پہچان گیا ہوں۔ تم مجھ پر حملہ کر کے میری جان کیوں لینا چاہتے ہو؟" وہ چیخ اٹھا۔
" میں تمہارا دشمن نہیں ہوں۔ تم بھی میرے دوست ہو۔ کچھ دیر قبل تک ہم ساتھ ساتھ رہتے تھے اور ایک دوسرے کے مونس و غمخوار تھے۔ اس کی اس بات کو سن کر کئی چہرے درختوں کی اوٹ سے باہر آئے وہ تمام چہرے اس کے شناسا تھے۔ لیکن اس وقت ان کے چہروں پر اس کے لئے دشمنی کے جذبے مچل رہے تھے۔ ان کے ہونٹوں پر زہریلی مسکراہٹ تھی اور آنکھوں میں اس کے لئے نفرت کا جذبہ تھا۔
" تم لوگ میرے ساتھی ہو۔ پھر میری جان کیوں لینا چاہتے ہو ؟ " اس نے ان سے پوچھا۔
جواباً کئی نیزے اس کے جسم سے ٹکرانے کے لئے آگے بڑھے اور وہ تمام چہرے پھر درختوں کی اوٹ میں چھپ گئے۔ اس نے جلدی سے خود کا بچاؤ کیا اور چیخ اٹھا۔
بچاؤ ! بچاؤ۔ میں مصیبت میں ہوں یہ لوگ جو کل تک میرے دوست تھے آج میری جان کے درپے ہیں مجھے مار ڈالنا چاہتے ہیں۔ بچاؤ میں سخت مصیبت میں ہوں۔ "
" ہمیں پتہ ہے تم سخت مصیبت میں ہو۔ " اسے دور سے ایک شناسا آواز آتی محسوس ہوئی۔ اسے یاد آیا کہ یہ آواز بھی ان لوگوں میں سے کسی کی ہے جو کچھ لمحوں قبل اس کے ساتھ تھے۔ " پھر تم میری مدد کے لئے کیوں نہیں آ رہے ہو ؟ " اس نے پوچھا۔ " ہم تم سے اتنی دور ہیں کہ چاہ کر بھی تمہاری مدد کے لئے نہیں آ سکتے ہیں۔ ہمیں علم ہے تم کن مصیبتوں میں گھرے ہوئے ہو اور آئندہ تم پر کیا کیا مصیبتیں آنے والی ہیں۔ ہم جس جگہ ہیں وہاں ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ہم نے انہیں خطروں خدشوں کی وجہ سے وہ جگہ چھوڑ دی۔ "
" جب تمہیں علم تھا کہ اس جگہ رہنے میں ہمیں خطرہ ہے اور انہی خطروں سے بچنے کے لئے تم یہاں سے چلے گئے ہو۔ تو تم نے مجھے بھی ساتھ کیوں نہیں لیا ، تم نے مجھے آنے والے خطروں سے آگاہ کیوں نہیں کیا ؟ "
" تم بھول رہے ہو۔ ہم نے تمہیں ان خطروں سے آگاہ کرتے ہوئے اس جگہ کو چھوڑ دینے کا مشورہ دیا تھا لیکن تم نے ہمارا مذاق اڑایا تھا اور یہ دلیل پیش کی تھی کہ اس جگہ کوئی خطرہ نہیں ہے خطرہ اس جگہ زیادہ ہے جہاں ہم خطروں سے بچنے کے لئے جا رہے ہیں۔ خطرے یہاں بھی ہیں لیکن اس جگہ سے کم جہاں اس وقت تم ہو۔ " دور سے آواز آئی ، اس آواز کو سن کر اسے یاد آیا کبھی اس سلسلے میں ان کی گفتگو ہوئی تھی لیکن اس نے ان خدشوں کو یکسر بے بنیاد کہہ کر نظر انداز کر دیا تھا۔
" اب تم ہی بتاؤ میں کیا کروں ؟ " اس نے پوچھا۔
لیکن اسے کوئی جواب نہیں ملا اس نے پھر دہرایا۔ اس جگہ وہ بالک اکیلا ہے اور خطروں میں گھرا ہوا ہے ان خطروں سے بچنے کے لئے اسے کچھ نہ کچھ کرنا چاہیئے۔ جو لوگ اس کی جان کے درپے ہیں اسے ان سے ہی پوچھنا چاہیئے کہ وہ اس کی جان کے درپے کیوں ہو گئے اور کیا چاہتے ہیں ؟
" سنو میری جان کے دشمنو ! میں تم سے پوچھ رہا ہوں۔ تم جو کچھ لمحوں قبل تک میرے رفیق تھے اب میرے رقیب کیوں بن گئے ہو ؟ تم میری جان کیوں لینا چاہتے ہو؟" " ہم چاہتے ہیں جس طرح تمہارے دوسرے ساتھی اس جگہ کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں تم بھی چلے جاؤ۔ " درختوں کی اوٹ سے ایک شناسا صورت ابھری۔
" لیکن کیوں ؟ "
" کیونکہ یہ جگہ ہماری ہے۔ "
" لیکن کچھ دیر قبل تو یہ جگہ کسی کی نہیں تھی۔ یہ جگہ ہم سب کی تھی۔ پھر اب یہ جگہ میری نہ ہو کر صرف تمہاری کیوں ہو گئی ہے ؟ "
" جس لمحے تمہارے دوسرے ساتھی اس جگہ کو چھوڑ کر دوسری جگہ چلے گئے اور انہوں نے اس جگہ کو اپنی جگہ کہہ کر جنگل کی تقسیم کر دی اسی لمحے سے یہ جگہ ہماری اور صرف ہماری ہو گئی ہے۔ اب تمہیں یہاں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ تم یہاں سے چلے جاؤ۔ وہاں پر جہاں پر تمہارے دوسرے ساتھی چلے گئے ہیں "۔ " لیکن تم بھی تو میرے ساتھی ہو ، کیا میں تمہارے ساتھ نہیں رہ سکتا ہوں؟"
" تم ہمارے ساتھ نہیں رہ سکتے ، تمہارے ساتھی وہ تھے جو اس جگہ کو چھوڑ کر چلے گئے۔ اگر تم نے یہ جگہ نہیں چھوڑی تو ہم اسی طرح تم پر حملے کرتے رہیں گے اور تمہیں یہ جگہ چھوڑنے کے لئے مجبور کر دیں گے۔ یا پھر تمہاری جان لے لیں گے۔ "
" تم اتنے بدل کیوں گئے ہو ؟ کسی کی جان لینے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں کر رہے ہو ، یہ تو وحشیوں کا کام ہے۔ "
" جنگل میں وحشی ہی رہتے ہیں۔ "
" تو مجھے یہ جگہ چھوڑ کر جانا ہی ہو گا ؟ "
" ہاں ! "
" ٹھیک ہے میں اپنے ساتھیوں سے کہتا ہوں کہ میں آ رہا ہوں ..... ساتھیو ! تم سچ کہتے ہو یہاں میرے لئے بہت خطرے ہیں۔ میں ان خطروں سے نجات پانے کے لئے تمہارے پاس آ رہا ہوں۔ "
" نہیں ! " دور سے آواز آئی۔ " تم یہاں نہیں آ سکتے اب یہاں کسی کو آنے کی اجازت نہیں ہے۔ اب ان خطروں سے نپٹنا ، وہاں رہنا یا نہ رہنا یا کہیں چلے جانا یہ تمہارا اپنا مسئلہ ہے۔ اس مسئلے کو تم ہی نپٹو۔ "
" یہ کیا مصیبت ہے۔ تم مجھے وہاں آنے نہیں دے رہے ہو۔ اور یہاں کے لوگ مجھے یہاں رہنے نہیں دینا چاہے ہیں۔ میں کیا کروں ؟ " اسے کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا وہ کیا کرے ؟ یہاں اسے خطرہ تھا ، لیکن کوئی ایسی جگہ بھی نہیں تھی جہاں جانے کے بعد وہ محفوظ ہو جائے اور یہاں تو خطرہ بدستور قائم تھا ہی بلکہ اس میں اضافہ بھی ہوتا جا رہا تھا۔ اچانک اسے اپنا گھر شعلوں میں گھرا ہوا نظر آیا۔ وہ تیزی سے اپنے گھر کی آگ بجھانے کے لئے دوڑا۔ لیکن پوری کوشش کے باوجود وہ اپنے گھر کو جلنے سے نہیں بچا سکا۔ اپنا ادھ جلا گھر دیکھ کر اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ لیکن پھر ایک عزم سے اس نے اپنے آنسو پونچھے۔ صرف گھر ہی جلا ہے ناں ؟ گھر تو دوبارہ بھی بن سکتا ہے۔ ابھی اس نے اپنا عزم پورا بھی نہیں کیا تھا کہ ایک دلخراش چیخ نے اسے لرزا دیا۔ اسے اپنا بیٹا لہو لہان نظر آیا۔ اس کا سارا جسم نیزوں سے بھرا ہوا تھا۔ اس کی آنکھیں بے جان تھیں۔ بیٹے کی لاش دیکھ کر وہ چیخ اٹھا۔ پتہ نہیں کتنی دیر تک وہ آہ و زاری کرتا رہا۔ پھر یہ سوچ کر بیٹے کو دفن کرنے کے لئے گڑھا کھودنے لگا۔
" ایک دن انسان کے جسم کو اس کی روح کو چھوڑنا ہی ہے۔ کبھی جلدی کبھی دیر سے۔ شاید یہ بھی میرے بیٹے کی روح کا میرے بیٹے کے جسم کو چھوڑنے کا ایک بہانہ ہو۔ "
" سنو ! " اچانک وہ پوری قوت سے چیخ اٹھا۔ " تم یہ سوچ رہے ہو کہ میں اکیلا اس جنگل میں نہیں رہ سکتا ؟ مجھے میری تنہائی کا احساس دلاؤ گے ، مجھ پر طرح طرح کی مصیبتیں اور ظلم و ستم ڈھاؤ گے تو میں یہ جنگل چھوڑ کر چلا جاؤں گا۔ لیکن یہ تمہارا خام خیال ہے۔ میں یہاں رہتا آیا ہوں اور میں یہیں رہوں گا۔ مجھے بھی یہاں رہنے کا اتنا ہی حق ہے جتنا تم لوگوں کو ہے۔ میں یہ جگہ نہیں چھور سکتا۔ چاہے مجھے کتنا بھی اذیتیں مصیبتیں کیوں نہ برداشت کرنی پڑیں "۔
" تم سچ کہتے ہو ! " اچانک جنگل میں سینکڑوں آوازیں گونج اٹھیں۔ " تمہیں یہاں رہنے کا اتنا ہی حق ہے جتنا اور لوگوں کو حاصل ہے۔ سچ مچ یہ تنہائی ، یہ ظلم و ستم ، یہ مصیبتیں تمہیں گھبرا کر یہ جنگل چھوڑنے پر مجبور نہیں کر سکتیں۔ ہم تمہاری تنہائی بانٹیں گے۔ ہم تمہاری آنے والی مصیبتوں سے رکشا کریں گے۔ کیونکہ تمہارے جانے کے بعد ہم بھی یہاں اکیلے ہو جائیں گے۔ ہم سب مل جل کر اس جنگل میں رہیں گے اور ایک دوسرے کی تنہائی دور کریں گے۔
" نہیں یہ تم غلط کام کر رہے ہو "۔ اچانک دوسری سینکڑوں آوازیں جنگل میں گونجنے لگیں۔ " تم اس کی مدد نہیں کر سکتے۔ اسے یہ جگہ چھوڑ کر جانا ہے اور ہر حال میں جانا ہے۔ ہم اسے یہ جگہ چھوڑنے کے لئے مجبور کر دیں گے یا اس کے وجود کو ہی اس جگہ سے کر دیں گے۔ یہ ناپاک وجود اس پوتر جگہ رہنے کے قابل ہی نہیں ہے "۔
" ناپاک تمہارے خیالات ہیں۔ جو دوسروں کو ناپاک کہتے ہو "۔ جواباً ہزاروں آوازیں ابھریں۔ اور پھر دونوں طرف سے آوازیں ابھرنے لگیں۔ آوازیں ایک بے ہنگم کان کے پردے پھاڑ دینے والے شور میں تبدیل ہونے لگیں۔ کبھی اپنی حمایت میں ابھرنے والی آوازیں سن کر اس کا دل خوشی سے جھوم اٹھتا اور سارے جسم میں ایک نیا عزم سرایت کر جاتا۔ کبھی اپنی مخالفت میں اٹھنے والی آوازیں سن کر اس کا وجود کسی خشک پتے کی طرح لرزنے لگتا۔ سارا جسم پسینے میں تر ہو جاتا اور وجود میں خدشات کا لاوا سا کھولنے لگتا۔ اور وہ گھبرا کر اپنے دونوں کانوں پر اپنے ہاتھ رکھ دیتا۔ اچانک اسے محسوس ہوا اس پر چاروں طرف سے تیروں کی بارش ہو رہی ہے۔ وہ گھبرا گیا اور اپنے ہاتھوں میں پکڑی لکڑی سے ڈھال کا کام لے کر خود کو ان نیزوں سے تیروں سے بچانے کی کوشش کرنے لگا۔ لیکن اسے محسوس ہونے لگا وہ زیادہ دیر تک خود کو بچا نہیں پائے گا۔ تیروں اور نیزوں کی تعداد اتنی ہے کہ کبھی نہ کبھی تو وہ اس کے وجود میں پیوست ہو کر اس کی روح کو جسم کی قید سے آزاد کر دیں گے۔
اس کے لئے زیادہ دیر تک اپنا بچاؤ کرنا ممکن ہی نہیں تھا۔ لیکن اچانک اسے محسوس ہوا ایک نظر نہ آنے والی قوت بھی ہے جو اس کے ساتھ ہے اور اس کا بچاؤ کر رہی ہے۔ ورنہ ابھی تک تو یہ نیزے اور تیر کب کے اسے ختم کر چکے ہوتے۔ اس احساس نے اس کے اندر ایک نئی روح پھونک دی کہ وہ تنہا نہیں ہے۔ کوئی اور قوت بھی اس کے ساتھ ہے۔ اور وہ ایک نئے جوش سے خود کی حفاظت کرنے لگا۔

رہائی

دونوں چپ چاپ پولس اسٹیشن کے کونے میں رکھی ایک بنچ پر بیٹھے صاحب کے آنے کا انتظار کر رہے تھے۔ انہیں وہاں بیٹھے تین گھنٹے ہو گئے تھے۔ دونوں میں اتنی ہمت بھی نہیں تھی کہ ایک دوسرے سے باتیں کریں۔ جب بھی دونوں ایک دوسرے کو دیکھتے اور دونوں کی نظریں ملتیں تو وہ ایک دوسرے کو مجرم تصور کرتے۔
دونوں میں سے قصور کس کا تھا وہ خود ابھی تک یہ طے نہیں کر پائے تھے۔ کبھی محسوس ہوتا وہ مجرم ہیں کبھی محسوس ہوتا جیسے ایک کے گناہ کی پاداش میں دوسرے کو سزا مل رہی ہے۔ وقت گزاری کے لئے وہ اندر چل رہی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے۔ ان کے لئے یہ جگہ بالکل اجنبی تھی۔ دونوں کو یاد نہیں آ رہا تھا کہ کبھی انہیں کسی کام سے بھی اس جگہ یا ایسی جگہ جانا پڑا تھا۔ یا اگر کبھی جانا پڑا ہو گا تو بھی وہ مقام ایسا نہیں تھا۔
سامنے لاک اپ تھا۔ پانچ چھ آہنی سلاخوں والے دروازے اور ان دروازوں کے چھوٹے چھوٹے کمرے۔ ہر کمرے میں آٹھ دس افراد بند تھے۔ کوئی سو رہا تھا تو کوئی اونگھ رہا تھا ، کوئی آپس میں باتیں کر رہا تھا تو کوئی سلاخوں کے پیچھے سے جھانک کر کبھی انہیں تو کبھی پولس اسٹیشن میں آنے جانے والے سپاہیوں کو دیکھ کر طنزیہ انداز میں مسکرا رہا تھا۔
ان میں سے کچھ کے چہرے اتنے بھیانک اور کرخت تھے کہ انہیں دیکھتے ہی اندازہ ہو جاتا تھا کہ ان کا تعلق جرائم پیشہ افراد سے ہے یا وہ خود جرائم پیشہ ہیں۔ لیکن کچھ چہرے بالکل ان سے ملتے جلتے تھے۔ معصوم بھولے بھالے۔ سلاخوں کے پیچھے سے جھانک کر بار بار وہ انہیں دیکھ رہے تھے۔ جیسے ان کے اندر تجسس جاگا ہے۔ " تم لوگ شاید ہماری برادری سے تعلق رکھتے ہو۔ تم لوگ یہاں کیسے آن پھنسے ؟ "وہ جب بھی ان چہروں کو دیکھتے تو دل میں ایک ہی خیال آتا کہ صورت شکل سے تو یہ بھولے بھالے معصوم اور تعلیم یافتہ لوگ لگتے ہیں یہکیسے اس جہنم میں آن پھنسے۔
باہر دروازے پر دو بندوق بردار پہرہ دے رہے تھے۔ لاک اپ کے پاس بھی دو سپاہی بندوق لئے کھڑے تھے۔ کونے والی میز پر ایک وردی والا مسلسل کچھ لکھ رہا تھا۔ کبھی کوئی سپاہی آ کر اس کی میز کے سامنے والی کرسی پر بیٹھ جاتا تو وہ اپنا کام چھوڑ کر اس سے باتیں کرنے لگتا۔ پھر اس کے جانے کے بعد اپنے کام میں مشغول ہو جاتا تھا۔
اس کے بازو میں ایک میز خالی پڑی تھی۔ اس میز پر دونوں کے بریف کیس رکھے ہوئے تھے۔ ان کے ساتھ اور بھی لوگ ریلوے اسٹیشن سے پکڑ کر لائے گئے تھے ان کا سامان بھی اسی میز پر رکھا ہوا تھا۔ وہ لوگ بھی ان کے ساتھ ہی بینچ پر بیٹھے تھے لیکن کسی میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ ایک دوسرے سے باتیں کر سکے۔ ایک دو بار ان میں سے کچھ لوگوں نے آپس میں باتیں کرنے کی کوشش کی تھی۔ اسی وقت سامنے کھڑا سپاہی گرج اٹھا۔
" اے خاموش ! آواز مت نکالو ، شور مت کرو۔ اگر شور کیا تو لاک اپ میں ڈال دوں گا۔ " اس کے بعد ان لوگوں نے سرگوشی میں بھی ایک دوسرے سے باتیں کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ وہ سب ایک دوسرے کے لئے اجنبی تھے۔ یا ممکن ہے ایک دوسرے کے شناسا ہوں جس طرح وہ اور اشوک ایک دوسرے کے شناسا تھے۔ نا صرف شناسا بلکہ دوست تھے۔ ایک ہی آفس میں برسوں سے کام کرتے تھے اور ایک ساتھ ہی اس مصیبت میں گرفتار ہوئے تھے۔
آج جب دونوں آفس سے نکلے تھے تو دونوں نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہو گا کہ اس طرح مصیبت میں گرفتار ہو جائیں گے۔
آفس سے نکلتے ہوئے اشوک نے کہا تھا۔ " میرے ساتھ ذرا مارکیٹ چلو گے؟ ایک چھری کا سیٹ خریدنا ہے۔ بیوی کئی دنوں سے کہہ رہی ہے لیکن مصروفیات کی وجہ سے مارکیٹ تک جانا نہیں ہو رہا ہے۔ "
" چلو ! " اس نے گھڑی دیکھتے ہوئے کہا۔ مجھے سات بجے کی تیز لوکل پکڑنی ہے اور ابھی چھ بج رہے ہیں۔ اتنی دیر میں ہم یہ کام نپٹا سکتے ہیں۔ " وہ اشوک کے ساتھ مارکیٹ چلا گیا تھا۔
ایک دوکان سے انہوں نے چھریوں کا سیٹ خریدا تھا۔ اس سیٹ میں مختلف سائز کی آٹھ دس چھریاں تھیں۔ ان کی دھار بڑی تیز تھی اور دوکاندار کا دعویٰ تھا روزانہ استعمال کے بعد بھی دو سالوں تک ان کی دھار خراب نہیں ہو گی کیونکہ یہ اسٹین لیس اسٹیل کی بنی ہوئی ہیں قیمت بھی واجب تھی۔
قیمت ادا کر کے اشوک نے سیٹ اپنی اٹیچی میں رکھا اور وہ باتیں کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کی طرف چل دئے۔ اسٹیشن پہنچے تو سات بجنے میں بیس منٹ باقی تھے دونوں کی مطلوبہ تیز لوکل کے آنے میں پورے بیس منٹ باقی تھے۔
فاسٹ ٹرین کے پلیٹ فارم پر زیادہ بھیڑ نہیں تھی دھیمی گاڑیوں والے پلیٹ فارم پر زیادہ بھیڑ تھی لوگ شاید بیس منٹ تک کسی گاڑی کا انتظار کرنے کی بہ نسبت دھیمی گاڑیوں سے جانا پسند کر رہے تھے۔
اچانک وہ چونک پڑے۔ پلیٹ فارم پر پولس کی پوری فورس ابھر آئی تھی۔ اور اس نے پلیٹ فارم کے ہر فرد کو اپنی جگہ ساکت کر دیا تھا۔ دو دو تین تین سپاہی آٹھ آٹھ دس دس افراد کو گھیرے میں لے لیتے ان سے پوچھ تاچھ کر کے ان کے سامان اور سوٹ کیس ، اٹیچیوں کی تلاشی لیتے کوئی مشکوک مطلوبہ چیز نہ ملنے کی صورت میں انہیں جانے دیتے یا اگر انہیں کوئی مشکوک یا مطلوبہ چیز مل جاتی تو فوراً دو سپاہی اس شخص کو پکڑ کر پلیٹ فارم سے باہر کھڑی پولس جیپ میں بٹھا آتے۔
انہیں بھی تین سپاہیوں نے گھیر لیا تھا۔
" کیا بات ہے حولدار صاحب ؟ " اس نے پوچھا۔ " یہ تلاشیاں کس لئے لی جا رہی ہیں ؟ "
" ہمیں پتہ چلا ہے کہ کچھ دہشت گرد اس وقت پلیٹ فارم سے اسلحہ لے جا رہے ہیں۔ انہیں گرفتار کرنے کے لئے یہ کاروائی کی جا رہی ہے۔ " سپاہی نے جواب دیا۔
وہ کل آٹھ لوگ تھے جنہیں ان سپاہیوں نے گھیرے میں لے رکھا تھا ان میں سے چار کی تلاشیاں ہو چکی تھیں اور انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔ اب اشوک کی باری تھی۔
جسمانی تلاشی لینے کے بعد اشوک کو بریف کیس کھولنے کے لئے کہا گیا۔ کھولتے ہی ایک دو چیزوں کو الٹ پلٹ کر دیکھنے کے بعد جیسے ہی ان کی نظریں چھریوں کے سیٹ پر پڑیں وہ اچھل پڑے۔ " باپ رے اتنی چھریاں ؟ صاب ہتھیار ملے ہیں۔ " ایک نے آواز دے کر تھوڑی دور کھڑے انسپکٹر کو بلایا۔
" حولدار صاحب یہ ہتھیار نہیں ہیں۔ سبزی ترکاری کاٹنے کی چھریوں کا سیٹ ہے۔ " اشوک نے گھبرائی ہوئی آواز میں انہیں سمجھانے کی کوشش کی۔
" ہاں حولدار صاحب ! یہ گھریلو استعمال کی چھریوں کا سیٹ ہے ہم نے ابھی بازار سے خریدا ہے۔ " اس نے بھی اشوک کی صفائی پیش کرنے کی کوشش کی۔
" تو تُو بھی اس کے ساتھ ہے ، تُو بھی اس کا ساتھی ہے ؟" کہتے ہوئے ایک سپاہی نے فوراً اسے دبوچ لیا۔ دو سپاہی تو پہلے ہی اشوک کو دبوچ چکے تھے۔ " ہم سچ کہتے ہیں حولدار صاحب ! یہ ہتھیار نہیں ہیں یہ گھریلو استعمال کی چھریوں کا سیٹ ہے۔ " اشوک نے ایک بار پھر ان لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔
" چپ بیٹھ ! " ایک زور دار ڈنڈا اس کے سر پر پڑا۔
" حولدار صاحب ! آپ مار کیوں رہے ہیں ؟ " اشوک نے احتجاج کیا۔
" ماریں نہیں تو کیا تیری پوجا کریں۔ یہ ہتھیار ساتھ میں لئے پھرتا ہے۔ دنگا فساد کرنے کا ارادہ ہے۔ ضرور تیرا تعلق ان دہشت پسندوں سے ہو گا۔ " ایک سپاہی بولا اور دو سپاہی اس پر ڈنڈے برسانے لگے۔ اس نے اشوک کو بچانے کی کوشش کی تو اس پر بھی ڈنڈے پڑنے لگے۔ اس نے عافیت اسی میں سمجھی کہ وہ چپ رہے۔ دو چار ڈنڈے اس پر پڑنے کے بعد میں ہاتھ رک گیا۔ لیکن اشوک کا برا حال تھا۔ وہ جیسے ہی کچھ کہنے کے لئے منہ کھولتا اس پر ڈنڈے برسنے لگتے اور مجبوراً اسے خاموش ہونا پڑتا۔
" کیا بات ہے ؟" اس درمیان انسپکٹر وہاں پہنچ گیا جسے انہوں نے آواز دی تھی۔
" صاب اس کے پاس ہتھیار ملے ہیں۔ "
" اسے فوراً تھانے لے جاؤ۔ " انسپکٹر نے آرڈر دیا اور دوسری طرف بڑھ گیا۔ چار سپاہیوں نے انہیں پکڑا اور گھسیٹتے ہوئے پلیٹ فارم سے باہر لے جانے لگے۔ باہر ایک پولس جیپ کھڑی تھی۔ اس جیپ میں انہیں بٹھا دیا گیا اس جیپ میں اور دوچار آدمی بیٹھے تھے۔ ان سب کو چار سپاہیوں نے اپنی حفاظت میں لے رکھا تھا۔ اسی وقت جیپ چل پڑی۔
" آپ لوگوں کو کس الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ؟ " جیسے ہی ان لوگوں میں سے ایک آدمی نے ان سے پوچھنے کی کوشش کی ایک سپاہی کا فولادی مکہ اس کے چہرے پر پڑا۔
" چپ چاپ بیٹھا رہ نہیں تو منہ توڑ دوں گا۔ " اس آدمی کے منہ سے خون نکل آیا تھا وہ اپنا منہ پکڑ کر بیٹھ گیا۔ اور منہ سے نکلتے خون کو جیب سے رومال نکال کر صاف کرنے لگا۔
پولس اسٹیشن لا کر انہیں اس کونے کی بینچ پر بٹھا دیا گیا اور ان کا سامان اس میز پر رکھ دیا گیا جو شاید انسپکٹر کی تھی۔ جب وہ پولس اسٹیشن پہنچے تو مسلسل لکھنے والے نے لانے والے سپاہیوں سے پوچھا۔
" یہ لوگ کون ہیں ؟ انہیں کہاں سے لا رہے ہو ؟ "
" ریلوے اسٹیشن پر چھاپے کے دوران پکڑے گئے ہیں ان کے پاس سے مشکوک چیزیں یا ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ "
" پھر انہیں یہاں کیوں بٹھا رہے ہو ؟ انہیں لاک اپ میں ڈال دو۔ "
"صاحب نے کہا ہے کہ انہیں باہر بٹھا کر رکھو وہ آ کر ان کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ "بینچ پر بٹھانے سے پہلے ان کی اچھی طرح تلاشی لی گئی تھی۔ کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی یہی غنیمت تھا۔ ان کی پولس اسٹیشن آمد کی تھوڑی دیر بعد دوسرا جتھا پولس اسٹیشن پہنچا۔ وہ بھی آٹھ دس لوگ تھے شاید انہیں کسی دوسرے انسپکٹر نے پکڑا تھا اس لئے انہیں دوسرے کمرے میں بٹھایا گیا۔ اور بھی اس طرح کے کتنے لوگ لائے گئے انہیں اندازہ نہیں تھا کیونکہ وہ صرف اس کمرے کی سرگرمیاں دیکھ پا رہے تھے جس میں وہ مقیّد تھے۔
نئے سپاہی آتے تو ان پر ایک اچٹتی نظر ڈال کر اپنے دوسرے ساتھیوں سے پوچھ لیتے۔ "یہ کہاں سے پکڑے گئے ہیں۔ جُوئے گھر سے ، بلیو فلم دیکھتے ہوئے یا طوائفوں کے اڈوں سے ؟"
" ہتھیاروں کی تلاش میں۔ آج ریلوے اسٹیشن پر چھاپا مارا تھا۔ وہاں پر پکڑے گئے ہیں۔ "
" کیا کچھ برآمد ہوا ؟ "
" خاطر خواہ تو کچھ بھی برآمد نہیں ہو سکا۔ تلاش جاری ہے۔ صاب ابھی نہیں آئے ہیں۔ آئیں تو پتہ چلے گا کہ خبر صحیح تھی یا غلط اور اس چھاپے سے کچھ حاصل ہوا ہے یا نہیں ؟ "
جیسے جیسے وقت گزر رہا تھا اس کے دل کی دھڑکنیں بڑھتی جا رہی تھیں۔ اشوک کی حالت غیر تھی۔ اس کے چہرے پر اس کے دل کی کیفیت ابھر رہی تھی۔ ہر لمحہ ایسا لگتا تھا جیسے وہ ابھی چکرا کر گر جائے گا۔ اسے اندازہ تھا جن خدشات سے وہ ڈر رہا ہے اشوک کے خدشات کچھ زیادہ ہی ہوں گے۔ اسے اس بات کا اطمینان تھا تلاشی میں اس کے پاس سے کوئی بھی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی تھی۔ اس لئے نہ تو پولس اس پر کوئی الزام لگا سکتی ہے نہ اس پر ہاتھ ڈال سکتی ہے۔ لیکن مصیبت یہ تھی کہ وہ اشوک کے ساتھ گرفتار ہوا ہے۔ اشوک پر جو بھی فردِ جرم عائد کی جائے گی اس میں اسے بھی برابر کا شریک قرار دیا جائے گا۔ کبھی کبھی اسے غصہ آ جاتا۔
" آخر ہمیں کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے ؟ کس جرم میں ہمارے ساتھ عادی مجرموں سا ذلت آمیز سلوک کیا جا رہا ہے اور یہاں گھنٹوں سے بٹھا کر رکھا گیا ہے اور ہماری تذلیل کی جا رہی ہے ؟ ہمارے پاس سے تو ایسی کوئی مشکوک قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی ہے۔ وہ چھریوں کا سیٹ ؟ وہ تو گھریلو استعمال کی چیزیں ہیں۔ انہیں اپنے پاس رکھنا یا کہیں لے جانا کوئی جرم نہیں ہے۔ اشوک ان چیزوں سے کوئی قتل و غارت گری یا دنگا فساد نہیں کرنا چاہتا تھا وہ تو انہیں اپنے گھر اپنے گھریلو استعمال کے لئے لے جانا چاہتا تھا۔ " لیکن وہ کس سے یہ باتیں کہے ،کس کے سامنے اپنی بے گناہی کی صفائی پیش کرے۔ یہاں تو آواز بھی منہ سے نکلتی ہے تو جواب میں کبھی گالیاں ملتی ہیں تو کبھی گھونسے۔ اس مصیبت سے کس طرح نجات پائیں دونوں اپنی اپنی طور پر سوچ رہے تھے جب ان سوچوں سے گھبرا جاتے تو سرگوشی میں ایک دوسرے سے ایک دو باتیں کر لیتے۔
" انور اب کیا ہو گا ؟ "
" کچھ نہیں ہو گا اشوک ! تم حوصلہ رکھو۔ ہم نے کوئی جرم نہیں کیا ہے۔ "
" پھر ہمیں یہاں یوں کیوں بٹھا کر رکھا گیا ہے۔ ہمارے ساتھ عادی مجرموں کا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے ؟ "
" یہاں کے طور طریقے ایسے ہی ہیں۔ ابھی ہمارا کیس کسی کے سامنے گیا بھی نہیں ہے۔ "
" میرا سالہ مقامی ایم۔ ایل۔ اے کا دوست ہے۔ اسے فون کر کے تمام باتیں بتادوں گا وہ ہمیں اس جہنم سے نجات دلا دے گا۔ "
" پہلی بات تو یہ لوگ ہمیں فون کرنے نہیں دیں گے۔ پھر تھوڑا حوصلہ رکھو انسپکٹر کے آنے کے بعد کیا صورت حال پیدا ہوتی ہے اس وقت اس بارے میں سوچیں گے۔ "
" اتنی دیر ہو گئی گھر نہ پہنچنے پر بیوی متفکّر ہو گی۔ "
" میری بھی یہی حالت ہے۔ ایک دو گھنٹے لیٹ ہو جاتا ہوں تو وہ گھبرا جاتی ہے۔ ان لوگوں کا کوئی بھروسہ نہیں کچھ نہ ملنے کی صورت میں کسی بھی الزام میں پھنسا دیں گے۔ "
" ارے سب ان کا پیسہ کھانے کے لئے یہ ڈرامہ رچایا گیا ہے۔ " بغل میں بیٹھا آدمی ان کی سرگوشیوں کی باتیں سن کر پھسپھسایا۔ " کڑکی لگی ہوئی ہے کسی مجرم سے ہفتہ نہیں ملا ہو گا یا اس نے ہفتہ دینے سے انکار کر دیا ہو گا۔ اس کے خلاف تو کچھ نہیں کر سکتے اس کی بھرپائی کرنے کے لئے ہم شریفوں کو پکڑا گیا ہے۔ "
" تمہارے پاس کیا ملا ؟ " اس نے پلٹ کر اس آدمی سے پوچھا۔
" تیزاب کی بوتل۔ " وہ آدمی بولا۔ " اس تیزاب سے میں اپنے بیمار باپ کے کپڑے دھوتا ہوں جو کئی مہینوں سے بستر پر ہے۔ اس کی بیماری کے جراثیم مر جائیں ان سے کسی اور کو نقصان نہ پہنچے اس کے لئے ڈاکٹر نے اس کے سارے کپڑے اس ایسڈ میں دھونے کے لئے کہا ہے۔ آج ایسڈ ختم ہو گیا تھا وہ میڈیکل اسٹور سے خرید کر لے جا رہا تھا۔ مجھے کیا معلوم تھا اس مصیبت میں پڑ جاؤں گا۔ ورنہ میں اپنے گھر کے قریب کے میڈیکل اسٹور سے خرید لیتا۔ "
"اے ! کیا کھسر پسر چالو ہے ؟" ان کی سرگوشیاں سن کر ایک سپاہی دہاڑا تو وہ سہم کر چپ ہو گئے۔ ذہن میں پھر وسوسے سر اٹھانے لگے۔ اگر اشوک پر کوئی فردِ جرم عائد کر کے گرفتار کر لیا گیا تو اسے بھی بخشا نہیں جائے گا۔ اشوک کی مدد کرنے والا ساتھی اسے قرار دے کر اس پر بھی وہی فردِ جرم عائد کرنا کون سی بڑی بات ہے۔ پولس تو ان پر فردِ جرم عائد کر کے انہیں عدالت میں پیش کر دے گی۔ انہیں عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرنی ہو گی۔ اور اس بے گناہی کو ثابت کرنے میں سالوں لگ جائیں گے۔ سالوں عدالت کچہری کے چکر۔ اس تصور سے ہی اس کو جھرجھری آ گئی۔ پھر لوگ کیا کہیں گے کس کس کو وہ اپنی بے گناہی کی داستان سنا کر اپنی صفائی پیش کریں گے۔
اگر پولس نے ان پر فرد جرم عائد کی تو معاملہ صرف عدالت تک محدود نہیں رہے گا۔ پولس ان کے بارے میں بڑھا چڑھا کر اخبارات میں بھی ان کے جرم کی کہانی چھپوا دے گی۔ اخبار والے تو اس طرح کی کہانیوں کی تاک میں ہی رہتے ہیں۔
" دو سفید پوشوں کے کالے کارنامے۔ "
" ایک آفس میں کام کرنے والے دو کلرک دہشت گردوں کے ساتھی نکلے۔ "
" ایک بدنام زمانہ گینگ سے تعلق رکھنے والے دو غنڈے گرفتار۔ "
" فساد کرنے کے لئے ہتھیار لے جاتے ہوئے دو غنڈے گرفتار۔ "
" شہر کے دو شریف باشندوں کا تعلق خطرناک دہشت پسندوں سے نکلا۔ " ان باتوں کو سوچ کر وہ اپنا سر پکڑ لیتا۔ جیسے جیسے وقت گزر رہا تھا۔ اس کی حالت غیر ہو رہی تھی اور اسے ان باتوں خیالوں سے نجات حاصل کرنا مشکل ہو رہا تھا۔
گیارہ بجے کے قریب انسپکٹر آیا وہ غصے میں بھرا تھا۔
" نالائق ، پاجی ، حرامی ، سالے کچھ بھی جھوٹی اطلاعیں دے کر ہمارا وقت خراب کرتے ہیں۔ اطلاع ہے کہ دہشت گرد ریلوے اسٹیشن سے خطرناک اسلحہ لے کر جانے والے ہیں۔ کہاں ہیں دہشت گرد ، کہاں ہے اسلحہ ؟ چار گھنٹے ریلوے اسٹیشن پر مغز پاشی کرنی پڑی۔ رامو یہ کون لوگ ہیں ؟ "
" انہیں ریلوے اسٹیشن پر شک میں گرفتار کیا گیا تھا۔ "
" ایک ایک کو میرے پاس بھیجو۔ "
ایک ایک آدمی اٹھ کر انسپکٹر کے پاس جانے لگا اور سپاہی اسے بتانے لگے کہ اس شخص کو کس لئے گرفتار کیا گیا ہے۔
" اس کے پاس سے تیزاب کی بوتل ملی ہے۔ "
" صاحب ! وہ تیزاب مہلک نہیں ہے۔ اس سے میں اپنے بیمار باپ کے کپڑے دھوتا ہوں۔ وہ میں نے ایک میڈیکل اسٹور سے خریدی تھی۔ اس کی رسید بھی میرے پاس ہے اور جس ڈاکٹر نے یہ لکھ کر دی ہے اس ڈاکٹر کی چٹھی بھی۔ یہ جراثیم کش تیزاب ہے۔ برف کی طرح ٹھنڈا۔ " وہ شخص اپنی صفائی پیش کرنے لگا۔
" جانتے ہو تیزاب لے کر لوکل میں سفر کرنا جرم ہے ؟ "
" جانتا ہوں صاحب ! لیکن یہ تیزاب آگ لگانے والا نہیں ہے۔ "
" زیادہ منہ زوری مت کرو۔ تمہارے پاس تیزاب ملا ہے۔ ہم تمہیں تیزاب لے کر سفر کرنے کے جرم میں گرفتار کر سکتے ہیں۔ "
" اب میں کیا کہوں صاحب ! " وہ آدمی بے بسی سے انسپکٹر کا منہ تکنے لگا۔
" ٹھیک ہے تم جا سکتے ہو لیکن آئندہ تیزاب لے کر ٹرین میں سفر نہیں کرنا۔ "
" نہیں صاحب ! اب تو ایسی غلطی پھر کبھی نہیں ہو گی۔ " کہتا ہوا وہ آدمی اپنا سامان اٹھا کر تیزی سے پولس اسٹیشن کے باہر چلا گیا۔
اب اشوک کی باری تھی۔
" ہم دونوں ایک کمپنی کے سیلس ڈپارٹمنٹ میں کام کرتے ہیں۔ یہ ہمارے کارڈ ہیں۔ کہتے اشوک نے اپنا کارڈ دکھایا میں نے یہ چھریوں کا سیٹ گھریلو استعمال کے لئے خریدا تھا اور گھر لے جا رہا تھا۔ آپ خود دیکھئے یہ گھریلو استعمال کی چھریاں ہیں۔
" صاب ان کی دھار بہت تیز ہے۔ "درمیان میں سپاہی بول اٹھا۔
انسپکٹر ایک ایک چھری اٹھا کر اس کی دھار پرکھنے لگا۔
" سچ مچ ان کی دھار بہت تیز ہے۔ ان کے ایک ہی وار سے کسی کی جان بھی لی جا سکتی ہے۔ "
" اس بارے میں میں کیا کہہ سکتا ہوں صاحب ! " اشوک بولا۔ " کمپنی نے اس طرح کی دھار بنائی ہے۔ کمپنی کو اتنی تیز دھار والی گھریلو استعمال کی چھریاں نہیں بنانی چاہیئے۔ "
" ٹھیک ہے تم جا سکتے ہو۔ انسپکٹر اشوک سے بولا اور اس سے مخاطب ہوا۔
" تم ؟ "
" صاحب ! یہ اس کے ساتھ تھا۔ "
" تم بھی جا سکتے ہو لیکن سنو۔ " اس نے اشوک کو روکا۔ پورے شہر میں اس طرح کی تلاشیاں چل رہی ہیں۔ یہاں سے جانے کے بعد ممکن ہے تم ان چھریوں کی وجہ سے کسی اور جگہ دھر لئے جاؤ۔ "
" نہیں انسپکٹر صاحب ! اب مجھ میں یہ چھریاں لے جانے کی ہمت نہیں ہے۔ میں اسے یہیں چھوڑے جاتا ہوں۔ " اشوک بولا تو انسپکٹر اور سپاہی کے چہرے پر فاتحانہ مسکراہٹ ابھر آئی۔
وہ دونوں اپنے اپنی بریف کیس اٹھا کر پولس اسٹیشن کے باہر آئے تو انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے انہیں جہنم سے رہائی کا حکم مل گیا ہے۔

بدائی

دن بھر ایک کربناک ماحول گھر پر چھایا رہا۔ اس کرب کو یا تو وہ محسوس کر رہے تھے یا پھر یاسمین۔ ممکن ہے جو پڑوسی ان کے کافی قریب رہے ہوں وہ بھی اس کرب کو محسوس کر رہے ہوں لیکن وہ اس بات کا اظہار نہیں کرپا رہے تھے۔
اپنے کرب کا اظہار نہ تو وہ کرپا رہے تھے اور نہ یاسمین۔ اپنے اس کرب کا اظہار اگر وہ کرتے بھی تو کس پر کرتے ؟ اس کرب کا اظہار وہ صرف یاسمین پر کر سکتے تھے لیکن کیونکہ یاسمین خود اس کرب کا شکار تھی اس لئے وہ اس خوف سے اس پر اظہار نہیں کرپا رہے تھے کہ کہیں ان کی بات سن کر یاسمین پھٹ نہ پڑے اور انہیں اسے سنبھالنا مشکل نہ ہو جائے۔
یاسمین خود اس کرب کا شکار تھی یاسمین کا درد کچھ ان سے زیادہ تھا یاسمین کو خود کو سنبھالنا مشکل ہو رہا تھا۔ وہ بھی ان کے دکھوں کو سمجھ رہی تھی اس لئے ان پر اپنے دکھ کا اظہار نہیں کرپا رہی تھی۔ ان کی طرح اسے بھی ڈر تھا کہ اگر اس نے اپنے درد کا اظہار ان پر کر دیا تو ان کی برداشت کی قوت جواب دے دے گی اور وہ بے قابو ہو جائیں گے۔ اور اس کے بعد ان کو قابو میں لانا مشکل ہو جائے گا۔ دونوں چور نظروں سے بار بار عادل کے چہرے کو دیکھتے تھے۔ کاش ایک لمحہ کے لے اس کے چہرے پر کرب ابھر آئے جس میں وہ دونوں گرفتار تھے۔
اگر ایک لمحے کے لئے بھی عادل کے چہرے پر اس کرب کا تاثر ابھرتا تو وہ سمجھتے ان کی زندگی بھر کی محبت ، شفقت اور ممتا رنگ لائی ہے۔ عادل نے اپنے نام کی طرح ان کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ان کی محبت شفقت ،ممتا اور اپنائیت کا اقرار کر لیا ہے۔ لیکن دن بھر میں ایک بار بھی ایک لمحہ کے لئے بھی عادل کے چہرے پر ایسا کوئی تاثر نہیں ابھرا تھا۔ اس بات کا احساس ان کے کرب کو اور زیادہ بڑھا رہا تھا۔ عادل کے اس رویّہ کے بعد یہ کہہ کر دل کو بہلانا پڑ رہا تھا۔
" جب اپنا ہی خون سفید ہو گیا ہے۔ اس کے دل میں اتنے جتن سے اس کی پرورش کرنے والے بوڑھے ماں باپ کے لئے کوئی ہمدردی کا جذبہ نہیں ہے تو پھر لبنیٰ سے کیا شکایت کریں۔ وہ تو پرائی ہے اس نے وہی راستہ چنا جو ہر کوئی اپنے سکھ کے لئے چنتا ہے۔ دکھ تو اس بات کا ہے کہ لبنیٰ کے منتخب راستے پر چلنے کے لئے عادل تیار ہو گیا تھا۔ لبنیٰ اپنے ساتھ آئے آدمیوں کو ایک ایک چیز بتا کر اسے لے جا کر نیچے کھڑے ٹرک میں رکھنے کا حکم دے رہی تھی۔ وہ جس چیز کی طرف اشارہ کرتی نوکر اس چیز کو اس کی دی ہوئی ہدایتوں کے مطابق اٹھا کر نیچے رکھ آتے۔ جب کوئی چیز ان کے گھر سے نکل کر نیچے کھڑے ٹرک میں پہونچائی جاتی تو ان کے دل کو ایک ٹھیس لگتی۔
چاہے پھر وہ لبنیٰ کی چیز ہو۔ یا پھر ان کی اپنی۔ لبنیٰ اگر ان کی کسی بھی چیز کی طرف اشارہ کر کے نوکروں کو نیچے ٹرک میں رکھ آنے کے لئے کہتی بھی تو بھی وہ اس کے خلاف احتجاج نہیں کر سکتے تھے۔ عادل کے صرف ایک جملے نے ان کے احتجاج کا حق بھی چھین لیا تھا۔
" امی ، ابا ! اگر ہم آپ کی کوئی چیز بھی لے جا رہے ہیں تو خدا کے لئے اس پر اعتراض کر کے کوئی تضاد نہ بڑھائیے۔ ہماری نئی نئی گرہستی ہے ہمارے پاس گرہستی کے لئے ضروری چیزیں نہیں ہیں اس لئے جن چیزوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے ایسی تمام چیزیں لے جا رہے ہیں جب وہ چیزیں ہمارے پاس آ جائیں گی یا ہم خرید لیں گے تو ہم وہ چیزیں آپ کو لوٹا دیں گے۔ "
" بیٹے ! تم اپنی اور ہماری چیزوں کی بات کر رہے ہو۔ یہ گھر ، اس گھر کی ہر چیز تمہاری ہے۔ ہمارا کیا ہے ؟ ہماری زندگی ہی کتنے دنوں کی ہے ؟ ہمارے مرنے کے بعد تو یہ سب تمہارا ہی ہونے والا ہے۔ اگر زندگی میں تمہارا ہو گیا تو کون سی بری بات ہے۔ ہمارے پاس دو وقت کی روٹی بنانے کے لئے دو برتن بھی رہ گئے تو ہمارے لئے وہی کافی ہے۔ " انہوں نے کہا تو سہی لیکن ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے لیکن ان کے ان آنسوؤں کا نہ تو عادل پر کوئی اثر ہوا اور نہ ہی لبنیٰ پر۔ گھر کی ایک ایک چیز جاتی رہی۔ ہر چیز جانے کے بعد وہ یاسمین کے چہرے کا جائزہ لیتے۔ انہیں یاسمین کے چہرے پر دکھ کے بادل چھائے نظر آتے تو کبھی انہیں یاسمین کی آنکھوں میں ایک احتجاج دکھائی دیتا۔
دیکھو وہ میری امی کا دیا گلدان لئے جا رہی ہے اور وہ تسبیح میرے ابا میرے لئے حج سے لائے تھے ، وہ پاندان میری بہن میرے لئے مراد آباد سے لائی تھی ، وہ تو پان نہیں کھاتی ماڈرن زمانے کی لڑکی جو ہے۔ اسے پاندان کی کیا ضرورت ؟ پھر وہ پاندان کیوں لئے جا رہی ہے ؟ اسے پارٹیوں ، شاپنگ اور سہیلیوں کے گھر جانے سے ہی فرصت نہیں ملتی کہ کبھی ایک وقت کی نماز پرھ لے۔ پھر وہ تسبیح کیوں لے جا رہی ہے ؟ اس کے پاس ایک سے بڑھ کر ایک قیمتی آرائش کی چیزیں ہیں پھر وہ میرا گلدان کیوں لئے جا رہی ہے ؟ لیکن ان کی آنکھوں میں دیکھتے ہی یاسمین کو جیسے حکم مل جاتا تھا کہ وہ احتجاج نہ کرے۔ اور یاسمین چاہ کر بھی احتجاج نہیں کرپا رہی تھی۔ رات میں عادل نے اپنا فیصلہ انہیں اور یاسمین کو سنایا تھا۔
" ابا ! آپ کو معلوم تو ہو ہی گیا ہو گا میں نے اپنے لئے الگ گھر لے لیا ہے۔ لبنیٰ اور امی کی رات دن کی ناچاقی کسی دن کوئی بڑا حادثہ نہ بن جائے اس خوف سے مجھے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ گذشتہ دنوں کے واقعات میں ہمارے تعلقات تو کچھ کشیدہ ہوہی گئے ہیں۔ میں نہیں چاہتا کہ یہ کشیدگی اور بڑھے۔ اور ہمارے درمیان تلخیاں بڑھتی جائیں۔ اس لئے میں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اور یہ درست ہے مجھے بھی گھر کی ذمہ داری سمجھنے دیجئے لبنیٰ پر بھی گرہستی کا بوجھ آنے دیجئے۔ ہم ایک دوسرے سے دور رہیں گے تو ہمارے درمیان محبت قائم رہے گی۔ جب بھی ایک دوسرے کا دل چاہے گا ہم ایک دوسرے سے ملنے آ جایا کریں گے۔ آپ کو میرے گھر آنے سے کوئی نہیں روکے گا امید ہے ہمارے یہاں سے جانے کے بعد بھی آپ ہمیں یہاں آنے سے نہیں روکیں گے۔ "
" تُو ہم کو چھوڑ کر جا رہا ہے ، ہم کو ؟ اپنے ماں باپ کو ؟ ان ماں اپ کو جنھوں نے تجھے پیدا کیا۔ پالا ، پوسا ، پڑھایا ، لکھایا اور اس قابل بنایا کہ دنیا میں آج تیرا ایک مقام ہے۔ ہر کوئی تیرا نام ادب سے لیتا ہے تُو آج اپنی بیوی کے لئے ان ماں باپ کو چھوڑ کر جانے کی بات کر رہا ہے ؟ "
" امی ! میری بات کو سمجھنے کی کوشش کیوں نہیں کرتیں۔ میں آپ کو اپنی جان سے زیادہ چاہتا ہوں اور میں نہیں چاہتا ہوں کہ میری یا لبنیٰ کی وجہ سے آپ کو کچھ ہو جائے۔ اس لئے امی ! آپ میرے جذبات کوسمجھنے کی کوشش کیجئے۔ میں نے جو قدم اٹھایا ہے کوئی غلط قدم نہیں ہے۔ "
" ماں باپ ، اپنے گھر کو چھوڑ کر جا رہا ہے اور کہہ رہا ہے کوئی غلط قدم نہیں ہے؟ یہ سب کس کے لئے کر رہا ہے ، اپنی بیوی کے لئے ناں ؟ اپنی بیوی کے کہنے پر تُو آج ۲۵ سالوں کا رشتہ توڑنے کے لئے تیار ہو گیا ؟ اس بیوی کے لئے جس نے ابھی تیرے ساتھ ٹھیک سے چھ مہینے بھی نہیں گزارے ہیں اگر تجھے ماں باپ سے اتنی ہی محبت ہے جتنی محبت تو اس وقت ہم سے جتا رہا ہے تو اس محبت کا ثبوت بھی دے۔ "
یاسمین کی بات سن کر عادل کے چہرے پر زلزلے کے تاثرات ابھرے۔
" یاسمین ! تم چپ رہو۔ " انہوں نے یاسمین کو چپ کرایا۔
" ٹھیک ہے بیٹے ! اگر تمہیں اسی میں اپنی بھلائی محسوس ہوتی ہے تو ہم تمہاری خوشیوں کے درمیان نہیں آئیں گے۔ " ان کی بات سن کر عادل تو اپنے کمرے میں چلا گیا لیکن آدھی رات تک ان کے اور یاسمین کے درمیان حجت و تکرار چلتی رہی۔
" آپ نے اسے اتنی آسانی سے گھر چھوڑ کر چلے جانے کی اجازت دے دی ، آپ نے اس کا انجام سوچا ہے ، لوگ کیا کہیں گے ؟ یہ سب اُس کی لگائی آگ ہے ہماری موجودگی میں اُس کی آزادی سلب ہو جاتی ہے۔ اسے آزادی نہیں ملتی ہے۔ وہ جو چاہتی ہے ہماری وجہ سے کر نہیں پاتی۔ جب ہم ہی نہ ہوں گے تو اسے ہر طرح کی آزادی مل جائے گی۔ وہ عادل کو برباد کر کے رکھ دے گی۔ ایسی ایسی حرکتیں کرے گی جن کو سن کر ہمارا سر شرم سے جھک جائے گا۔ اپنے کرتوتوں سے وہ ہمارے خاندان کے نام پر دھبہ لگا دے گی ، وہ عادل کو برباد کر دے گی۔ "
" جب وہ ہمارے گھر میں نہیں رہے گی تو پھر اس کی حرکتوں سے ہمیں کیا لینا دینا ؟ اور عادل کوئی دودھ پیتا بچہ نہیں ہے۔ اسے اچھے برے کی تمیز ہے۔ غلط باتوں پر وہ اسے روکے گا۔ "
" ارے وہ کیا اسے روکے گا ، اگر اسے اتنی ہی تمیز ہوتی تو وہ اس کے کہنے پر گھر چھوڑنے کی بات نہیں کرتا۔ "
" اگر وہ آج کوئی غلطی کر رہا ہے تو جب اسے اپنی اس غلطی کا احساس ہو گا تو اپنی اس غلطی پر نادم بھی ہو گا۔ "
" اپنی غلطی پر ندامت پتہ نہیں کب اسے محسوس ہو ؟ لیکن آج تو وہ اپنی زندگی تباہ کر رہا ہے۔ "
" ہم نے زندگی بھر اسے انگلیاں پکڑ کر چلنا سکھایا لیکن آج وہ اتنا بڑا ہو گیا ہے کہ اسے ہماری رہنمائی کی ضرورت نہیں ہے۔ اس لئے اس نے جو راستہ چنا ہو گا ٹھیک ہی ہو گا۔ " بظاہر وہ عادل کے فیصلے کو درست ثابت کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن عادل کے اس فیصلے نے ایک بارود کا کام کرتے ہوئے ان کے وجود کی دھجیاں اڑا دی تھیں۔ ان کا وہ بیٹا ان سے الگ ہو رہا تھا۔ جسے ایک لمحہ کے لئے بھی وہ اپنی نظروں سے دور نہیں کرتے تھے۔ لیکن وہ کیا کر سکتے تھے ؟ وہ اپنے آپ کو بڑا لاچار اور بے بس محسوس کر رہے تھے۔ اگر وہ عادل کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے تو یاسمین کو شہ مل جاتی یاسمین عادل کے الگ ہونے کے حق میں نہیں تھی۔ اور ایک تضاد کھڑا ہو جاتا۔
لبنیٰ اور عادل کسی بھی صورت میں ان کے ساتھ رہنے کے لئے تیار نہیں ہوتے اور وہ اس کے لئے تیار نہیں ہوتے تو تضاد بڑھتا۔ حاصل یہی ہوتا کہ فتح عادل اور لبنیٰ کی ہوتی انہیں اور یاسمین کو ہزیمت اٹھانی پڑتی۔ اور لوگوں کو ایک تماشہ دیکھنے کا موقع مل جاتا۔ اس لئے اپنے دل پر پتھر رکھتے ہوئے انہوں نے عادل کے فیصلے کو قبول کیا تھا۔
رات نہ وہ سو سکے اور نہ ہی یاسمین سو سکی۔ دیر رات تک عادل کے کمرے سے اس کی اور لبنیٰ کی کھسر پسر کی آوازیں آتی رہیں۔ پلنگ پر وہ چپ چاپ چت لیٹے چھت کو تاکتے رہے۔ یاسمین دوسری طرف کروٹ لئے دیوار تاکتی رہی۔ دونوں کے ذہن میں ایک طوفان اٹھا رہا۔ ان کی آنکھوں کے سامنے عادل کی پیدائش سے تا دم تک ایک ایک لمحہ ، ایک ایک واقعہ کسی فلم کی طرح چکراتا رہا۔
کتنی منتوں ، مرادوں ، مشکلوں اور مصیبتوں کے بعد عادل کی پیدائش ہوئی تھی۔ شادی کے پانچ سالوں کے بعد بھی جب ان کے گھر کوئی اولاد نہیں ہوئی تو وہ اولاد کی خوشی سے مایوس ہو گئے تھے۔ دونوں نے اپنا اپنا چیک اپ کرایا تھا ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ ان میں کوئی کمی نہیں ہے۔ پھر بھی وہ اولاد کے سکھ سے محروم تھے۔ اس کو ان کی تقدیر کی کم نصیبی سمجھا جائے یا قدرت کا مذاق یا کوئی مصیبت۔ ہزاروں علاج ، منتوں اور مرادوں کے بعد ان کے باپ بننے کی خوش خبری ملی تھی۔ اس خبر کو سن کر ان کی حالت پاگلوں سی ہو گئی تھی۔ یاسمین سے اس کی خوشی سنبھالے نہیں سنبھل رہی تھی۔ ان کے قریبی رشتہ دار اور کرم فرماؤں میں بھی اس خبر کو سن کر خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ انہوں نے سب سے پہلے یہ خبر انہیں سنائی تھی۔ کیونکہ ان کی باتیں پانچ سالوں تک ان کے لئے یاسمین کے لئے بڑی ادیت کا باعث بنی تھیں۔ لوگ ہزاروں طرح کی باتیں بناتے تھے۔ کبھی کہتے یاسمین میں کوئی کمی ہے ، کبھی ان میں کسی کمی کا الزام لگاتے۔ کبھی کہتے وہ دونوں خود ابھی بچہ نہیں چاہ رہے ہیں کچھ دن اور عیاشی کرنا چاہتے ہیں۔ کبھی انہیں مشورہ دیتے یاسمین انہیں اولاد کا سکھ نہیں دے سکتی۔ اولاد کے لئے وہ دوسری شادی کر لیں۔
کبھی یاسمین کو سمجھاتے ان سے اسے اولاد نہیں ہو سکتی اس لئے ان کے پیچھے وہ کیوں اپنی زندگی تباہ کر رہی ہے۔ ابھی سے سنبھل جائے اور ہوش سے کام لے اس کی اچھی خاصی نوکری ہے وہ خود کفیل ہے۔ چاہے تو ان سے طلاق لے کر کسی ایسے مرد سے شادی کر سکتی ہے جو اسے اولاد کا سکھ دے۔ کبھی اڑاتے کہ دونوں نوکری پیشہ ہیں۔ گھر میں کوئی ایسا نہیں ہے جو ان کے بعد بچہ کی دیکھ ریکھ کریں اس لئے اس ذمہ داری سے گھبرا کر چاہتے ہیں کہ انہیں اولاد نہ ہو۔
جب بھی وہ کسی کی بات سنتے ان کے دل کو ایک چوٹ سی لگتی۔ یاسمین کی آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگتے اور وہ دہاڑیں مار مار کر رونے لگتی اور انہیں یاسمین کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا۔ وہ بھرّائی آواز میں کہہ اٹھتی۔
" مجھ میں ہی کوئی کمی ہے۔ میں آپ کو اولاد کا سکھ نہیں دے سکتی آپ میرے پیچھے اپنی زندگی برباد نہ کریں اور کسی دوسری لڑکی سے شادی کر لیں۔ تاکہ وہ آپ کو اولاد کا سکھ دے سکے۔ " یاسمین کو لاجواب کرنے کے لئے وہ یاسمین کے الفاظ اسے لوٹا دیتے تو یاسمین تڑپ اٹھتی۔
" خدا کے لئے ایسی باتیں منہ سے نہ نکالئے۔ میں ایک لمحہ کے لئے بھی آپ سے الگ ہونے کا تصور نہیں کر سکتی۔ " اتنے برسوں سے بعد انہیں اولاد کی خوشخبری ملی تھی۔
عادل کی ولادت بھی ایک امتحان سے کم نہیں تھی۔ ایک آگ کا دریا تھا جسے دونوں کو پار کرنا تھا۔ عادل کی ولادت کے بعد ایسے حالات پیدا ہو گئے کہ یاسمین کی زندگی خطرے میں پڑ گئی۔
آخر آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے یاسمین اور عادل دونوں کو بچا لیا لیکن اس قیمت پر کہ یاسمین اب کبھی ماں نہیں بن پائے گی۔
عادل کو پاکر انہوں نے خوشی خوشی یہ قیمت بھی ادا کر دی۔ عادل کو پاکر انہیں لگا جیسے انہیں دنیا کی سب سے بڑی نعمت مل گئی۔ اس کے بعد ان کے دل میں خدا کی کسی اور نعمت کی تمنا ہی نہیں ہے۔ تین مہینوں تک یاسمین گھر میں رہی۔ اس کے بعد عادل کو چھوڑ کر اسکول جانے کا کڑا امتحان آگیا۔ جذبات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ عادل کے لئے یاسمین نوکری چھوڑ دے۔ کیونکہ ان کا آفس میں دل نہیں لگتا ہے۔ عادل میں ہی دھیان لگا رہتا ہے۔ لیکن یہ طے کیا گیا کہ عادل کی بھلائی کے لئے اس کی زندگی سنوارنے کے لئے یاسمین نوکری جاری رکھے گی کیونکہ یہ طے کیا گیا تھا یاسمین کا ایک ایک پیسہ عادل کی ذات پر خرچ کر کے اسے ایک نیک ، صالح ،اچھا اور کامیاب انسان بنایا جائے گا۔ عادل کو کبھی نوکروں ، پڑوسیوں یا کبھی رشتہ داروں کے پاس چھوڑ کر دونوں ڈیوٹی پر نکل جاتے۔ آفس میں ان کا دل نہیں لگتا تھا۔ نظریں گھڑی کی سوئیوں پر لگی رہتی تھیں۔ جس وقت گھڑیاں وہ گھنٹہ بتاتی جب یاسمین اسکول سے گھر آ جاتی تو ان کو سکون مل جاتا۔
اب عادل صحیح ہاتھوں میں پہونچ گیا ہے۔ اب فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ جیسے جیسے عادل بڑا ہو رہا تھا اس کے لئے ان کے دل میں محبت بڑھتی جا رہی تھی۔ اس کی معصوم حرکتیں ، آوازیں ، باتوں سے بے اختیار اس کے لئے دل میں پیار امڈ آتا تھا اور وہ اسے لپٹا لیتے تھے۔
عادل کو معمولی چھینک بھی آ جاتی تو ان کا دل تشویش میں مبتلا ہو جاتا تھا۔ عادل کے جسم کا درجہ حرارت معمولی بھی بڑھ جاتا تو ان کی ساری رات آنکھوں میں کٹ جاتی تھی۔ عادل کو معمولی بخار بھی آ جاتا تو بڑے سے بڑے ڈاکٹر کا علاج کرایا جاتا۔
بڑا ہوا تو تعلیم کی فکر ستانے لگی۔ اسے سب سے اچھے اسکول میں داخل کیا گیا اور اس کی تعلیم پر خاص دھیان دیا جانے لگا۔ دو گھنٹہ وہ اسے پڑھاتے تھے اور دو گھنٹے یاسمین۔ ویسے عادل کافی ذہین تھا۔ پھر ان کی تربیت اور تعلیم تو سونے پر سہاگہ کا کام کرنے لگی۔ وہ ہمیشہ اپنی کلاس میں اول آتا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ دسویں کے امتحان میں بورڈ کے پہلے دس کامیاب طلبہ میں مقام پا گیا۔
عادل سوِل انجینئر بننا چاہتا تھا۔ انہوں نے بھی اس کی مرضی کے آگے اپنا سر خم کیا۔ انہوں نے عادل کے بارے میں بہت کچھ سوچ رکھا تھا لیکن وہ عادل کی مرضی کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا چاہتے تھے عادل کی دلچسپی کا ہی کام کرنا چاہتے تھے اچھے نمبروں کی وجہ سے اسے آسانی سے ایک اچھے کالج میں داخلہ مل گیا۔ پڑھائی میں وہ تیز تھا اپنے مضمون میں بہت زیادہ محنت کرنے لگا۔
زیر تعلیم رہتے ہوئے بھی وہ ایک سوِل انجینئر کے پاس جانے لگا اور وہ کام کرنے لگا جسے اسے امتحان پاس کرنے کے بعد کرنا تھا۔ دو تین سالوں میں ہی وہ اپنے میدان کا اتنا ماہر ہو گیا کہ بڑے سے بڑے انجینئر بھی اس کا مقابلہ نہیں کر پائے تھے۔ اس کے بنائے پلان ، نقشوں اور خاکوں میں کوئی بھی غلطی نہیں نکال پاتا تھا۔ نقشے ، خاکے اور پلان وہ بناتا تھا لیکن اس پر مہر کسی اور کی لگتی تھی۔ بعد میں ان نقشوں پر بننے والی عمارتیں بھی اسی کے زیرِ نگرانی تعمیر ہوتی تھیں۔
ڈگری ملنے سے پہلے ہی اس کا اتنا نام ہو گیا تھا اور اسے اتنا تجربہ حاصل ہو گیا تھا جسے پانے میں اوروں کو کئی سال لگ جاتے تھے۔ امتحان میں وہ نمایاں نمبروں سے کامیاب رہا۔ اس کے کامیاب ہوتے ہی ایک بہت بڑی کنسٹرکشن فرم میں اسے نوکری مل گئی۔ اچھی تنخواہ کے ساتھ اسے گاڑی اور بنگلہ بھی ملا۔ لیکن اس نے بنگلہ یہ کہہ کر لوٹا دیا کہ میں اپنی امی اور ابا کے ساتھ اس چھوٹے سے گھر میں رہ کر ان کے سارے خواب پورے کر کے ان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں جو انہوں نے میرے لئے دیکھے ہیں۔
ایک سعادت مند بیٹے کی طرح وہ اپنی ساری تنخواہ لا کر انہیں دے دیتا تھا۔ آفس سے آنے کے بعد بھی ان کے گھر عادل سے ملنے والوں کا میلہ لگا رہتا تھا۔ وہ لوگ چاہتے تھے کہ عادل آفس سے آنے کے بعد ان کا کام کرے۔ وہ ان کا کام کرتا تو اسے جتنی تنخواہ ملتی تھی اس سے زیادہ پیسہ مل جاتا تھا۔ بہت سے لوگوں نے مشورہ دیا کہ وہ نوکری چھوڑ کر اپنا خود کا بزنس شروع کر دے۔ یہ کوئی مشکل کام نہیں تھا۔
آخر عادل نے اپنا الگ کاروبار شروع کر دیا اور دن دونی رات چوگنی ترقی کرنے لگا۔ اس درمیان دونوں ریٹائر ہو گئے تھے۔ ان تمام کامیابیوں کے بعد ماں باپ کا اولاد کے لئے بس ایک ہی آخری خواب ہوتا ہے۔ اولاد کا سہرا دیکھے اور بہو کو گھر دیکھنے کا خواب۔ یہ خواب بھی پورا ہو گیا۔ لبنیٰ بہو بن کر ان کے گھر آ گئی۔ لبنیٰ ایک بہت امیر کبیر گھرانے کی چشم و چراغ تھی۔ خوبصورت اتنی کہ اس کی خوبصورتی کے سارے شہر میں چرچے تھے۔ ایسی بیوی پاکر کون خوش نہیں ہو سکتا تھا۔ لیکن کچھ دنوں میں ہی انہوں نے محسوس کیا کہ لبنیٰ اور یاسمین کے خیالوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ جو باتیں لبنیٰ کو پسند تھیں وہ یاسمین کو پسند نہیں تھیں۔ یاسمین لبنیٰ کو جس روپ میں دیکھنا چاہتی تھی وہ لبنیٰ کے لئے ایک دقیانوسی روپ تھا۔
پہلے دبے لفظوں میں بعد میں اونچی آواز میں ان مسئلوں پر دونوں میں بحث و تکرار ہوئی۔ ایسی حالت میں وہ ثالث کا کردار نبھاتے ہوئے بھی یاسمین کو دباتے تھے۔ عادل بھی تماشائی بنا رہتا۔ کبھی لبنیٰ کی طرف داری کرتے ہوئے ماں کو سمجھاتا کہ وہ بڑی ہیں اسے ان چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظر انداز کر دینا چاہیئے۔ یا پھر کبھی ماں کی طرف داری کرتا۔
آخر وہی ہوا جس کے تصور سے ہی کبھی کبھی وہ کانپ اٹھتے تھے۔ عادل اور لبنیٰ نے الگ رہنے کا فیصلہ کر لیا۔ اور وہ گھر چھوڑ کر جا رہے تھے۔ اور گھر پر ایک کربناک سناٹا چھایا ہوا تھا۔ ان کے اندر درد کا دریا ٹھاٹھیں مار رہا تھا رات تک وہی سناٹا گھر میں برقرار رہا۔
" عادل ہمیں چھوڑ کر چلا گیا ، اس نے بیوی کے لئے ہمیں چھوڑ دیا ،ہماری محبتوں کا ہمیں یہ صلہ دیا ؟ آخر ہماری محبت میں ایسی کیا کمی رہ گئی تھی جو اسے باندھ کر ہمارے پاس نہیں رکھ سکتی تھی۔ " یاسمین گھر کی دیواروں کو گھورتے ہوئے پاگلوں کی طرح بڑبڑا رہی تھی۔ " اب اس کے جانے کا غم نہ کرو اور خود کو سنبھالو۔ " انہوں نے اسے سمجھایا۔ سمجھ لو خدا نے ہمیں بیٹا نہیں بیٹی دی تھی۔ بیٹی تو پرائی امانت ہوتی ہے۔ ایک نہ ایک دن تو اسے اپنے گھر جانا ہوتا ہے۔ سمجھ لو آج ہماری بیٹی کی شادی ہو گئی ہے اور آج وہ ہم سے بچھڑ کر اپنے گھر چلی گئی ہے۔ " ان کی اس بات کو سنتے ہی یاسمین پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔
پتہ نہیں یہ کس کے وصال کے آنسو تھے۔ بیٹے کے یا بیٹی کے ؟

کتنے پل صراط

سویرے جب وہ گھر سے نکلی تھی تو بشریٰ بخار میں تپ رہی تھی۔
" امی !مجھے چھوڑ کر مت جاؤ ، امی آج اسکول مت جاؤ مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے۔ "
جب وہ جانے کی تیاری کر رہی تھی تو بشریٰ کی آنکھ بھی کھل گئی تھی اور وہ اسے آج اسکول نہ جانے کے لئے ضد کر رہی تھی۔
" نہیں بیٹے ! " پیار سے اسے سمجھانے کے لے جب اس نے اس کی پیشانی پر ہاتھ رکھا تو کانپ اٹھی۔ بشریٰ کی پیشانی بخار سے تپ رہی تھی۔
" امی سے اس طرح کی ضد نہیں کرتے۔ " یہ کہتے ہوئے اس کی زبان لڑکھڑا گئی تھی۔ "آج امی کا اسکول جانا بے حد ضروری ہے۔ کل چاہے روک لینا۔ تم کہو گی تو کل سے ہم آٹھ دنوں کے لئے اسکول نہیں جائیں گے تمہارے پاس ہی رہیں گے۔ آج ہمیں جانے دو۔ "
" امی رک جاؤ ناں ! مجھے اچھا نہیں لگ رہا ہے۔ " بشریٰ رونے لگی تھی۔
" نہیں روتے بیٹے ! " بشریٰ کو روتا دیکھ کر اس کی آنکھوں میں بھی آنسو آ گئے تھے۔ لیکن بڑی مشکل سے اس نے اپنے آنسوؤں کو روکا تھا اور بھرائی ہوئی آواز پر قابو پانے کی کوشش کی تھی۔ " ہم آج جلدی گھر آ جائیں گے پھر تمہارے ابا تو تمہارے پاس ہی ہیں ناں بیٹا۔ ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ "
دوسرے کمرے میں طارق اور عوف بے خبر سو رہے تھے۔ تھوڑی دیر سسکتے رہنے کے بعد بشریٰ کی بھی آنکھ لگ گئی تھی۔ اس نے اپنا پرس کاندھے پر لٹکایا اور جا کر دھیرے سے طارق کو ہلانے لگی۔
" آں ! کیا بات ہے ؟ " طارق نے آنکھ کھول دی۔
" میں جا رہی ہوں۔ " وہ بولی۔ " بشریٰ کو سخت بخار ہے اسے ڈاکٹر کے پاس لے جانا۔ نوکرانی سے کہہ دینا کہ اس کا اچھی طرح خیال رکھے۔ اگر ممکن ہو تو آج آپ چھٹی کر لیں۔ ویسے میں آج جلد آنے کی کوشش کروں گی لیکن کہہ نہیں سکتی کہ یہ ممکن ہو سکے گا بھی یا نہیں کیونکہ آج انسپکشن ہے۔ اگر انسپکشن نہ ہوتا تو آج جاتی ہی نہیں۔ "
" ٹھیک ہے۔ " طارق نے اٹھتے ہوئے جماہی لی۔ وہ جب گھر سے باہر آئی تو چاروں طرف گہرا اندھیرا تھا۔ سردیوں کے دنوں میں سات بھی بج جاتے ہیں تو اندھیرا ہی چھایا رہتا ہے دن نہیں نکلتا اور اس وقت تو صرف ساڑھے پانچ ہی بجے تھے۔ پوری گلی سنسان تھی۔ راستے پر اکا دکا لوگ آ جا رہے تھے۔ ایسے عالم میں کسی عورت کے گھر سے نکلنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔ وہ روزانہ اسی وقت اکیلی اس گلی سے گزر کر رکشا اسٹینڈ تک جاتی جو لوگ سویرے جلدی جاگنے کے عادی تھے۔ انہیں علم تھا کہ وہ اس وقت گھر سے اسکول جانے کے لئے نکلتی ہے۔ شناسا لوگ اس سے دو باتیں کر لیا کرتے تھے۔
" بیٹی اسکول جا رہی ہو۔ "
" ہاں بابا۔ " وہ جواب دیتی۔
" بھابی اکیلی اندھیرے میں روزانہ اتنے سویرے جاتی ہو تمہیں ڈر نہیں لگتا ؟ "
" اب تو عادت ہو گئی ہے۔ " وہ مسکرا کر کہتی۔
سبھی شناسا اور اچھے نہیں ہوتے۔ کبھی کبھی کوئی اجنبی اور بدمعاش بھی مل جاتا ہے۔ اکیلے میں اس وقت کسی اجنبی عورت کو دیکھ کر وہ جو کچھ کر سکتا ہے وہ کرنے سے نہیں چوکتا تھا۔ کبھی کوئی بھدا سا فقرہ منہ سے نکال دیتا۔ کبھی کوئی ناگوار بات کہہ دیتا۔ اور کوئی تو جسارت کر کے دھکا دے کر آگے بڑھ جاتا اور اپنی کسی نفسانی خواہش کی تسکین کر لیتا۔ ایسی صورت میں اس کا ردِ عمل سوائے خاموشی کے اور کچھ نہیں ہوتا تھا۔ نہ تو وہ اس سے الجھ سکتی تھی نہ شور مچا کر اپنی مدد کے لئے کسی کو بلا سکتی تھی۔ الجھتی تو نقصان اسی کا ہوتا۔ اکیلی عورت جو ٹھہری۔ کسی کو مدد کے لئے بلاتی تو ممکن نہیں تھا کہ کوئی اس کی مدد کو آتا۔ اتنے سویرے کوئی اپنی لاکھوں روپوں کی میٹھی نیند خراب کرتا ہے ؟ اگر کوئی آئے بھی تو اس بدمعاش سے تو اسے نجات مل جاتی لیکن مدد کرنے والوں کے جملوں سے شاید زندگی بھر نجات نہیں ملتی۔
" اتنی رات گئے اکیلی گھر سے نکلی ہو۔ شریف عورتوں کے کیا یہی چال چلن ہیں ؟ "
" اگر عزت کا اتنا ہی پاس ہے تو اکیلی اتنے سویرے گھر سے کیوں نکلتی ہو۔ گھر میں رہا کرو۔ چھوڑ دو یہ نوکری۔ " غرض وہ ایسی باتوں سے کترانے کے لئے اپنے ساتھ ہوئے جا رہے بے جا سلوک کو نظر انداز کر کے آگے بڑھ جاتی تھی۔ رکشا اسٹینڈ سے ایس ٹی کے لئے اسے پانچ منٹ میں رکشا مل جاتا تھا۔ کبھی کبھی تو اسے رکشا تیار مل جاتا تھا کبھی دو چار منٹ رکشا کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔ کچھ رکشا والوں کو معلوم تھا وہ اس وقت وہاں سے ایس۔ ٹی اسٹینڈ جانے کے لئے نکلتی ہے تو وہ اس کے انتظار میں وہاں پہونچ جاتے تھے۔ اس میں بھی ان لوگوں کی نیت کے دو پہلو ہوتے تھے۔ کچھ شریف لوگ اپنی روزی دھندے کے لئے اس کی سیٹ حاصل کرنے کے لے وہاں پہونچتے تھے۔ کچھ بدمعاش ذہنیت والے صرف اس لذت کے لئے وہاں پہونچتے تھے کہ ایک اکیلی تنہا خوبصورت جوان لڑکی کو اکیلے رکشا میں ایس۔ ٹی اسٹینڈ تک پہنچانے کا موقع ملے گا۔ اس سے کچھ ایسی بھی باتیں ہو سکتی ہیں جو ان کے لئے نفسانی لذت کا باعث ہوں۔ ایسی حالت میں وہ خاموش رہ کر سفر کرنے کو ترجیح دیتی تھی۔
ان کا کوئی جواب نہیں دیتی تھی یا اگر دیتی بھی تو ایسا جواب دیتی کہ اس کی ساری امیدوں اور ارادوں پر پانی پھر جائے۔ ایسی حالت میں جو حادثہ ممکن تھا وہ ایک بار ا س کے ساتھ ہو چکا تھا۔ سناٹے اور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر ایک رکشا والے نے اسے غلط راستے پر لے جانا چاہا۔ اس نے چیخ کر اسے روکا جب اس نے نہیں سنا تو چلتے رکشے سے کود گئی۔ اسے معمولی چوٹیں آئیں لیکن اس کی خوش قسمتی یہ تھی کہ سامنے پولس کھڑی تھی اور اس نے اسے رکشا سے کودتے دیکھا تو دوڑ کر اس کے پاس پہنچے۔
" کیا بات ہے میڈم ، کیا آپ رکشا سے گر گئیں ؟ "
" نہیں ! وہ رکشا والا مجھے اکیلی دیکھ کر غلط راستے پر لے جا رہا تھا۔ "
" ایسی بات ہے ؟ " یہ سنتے ہی دو پولس والے گاڑی لے کر بھاگے۔ تھوڑی دیر بعد ہی وہ اس رکشا والے کو مارتے ہوئے اس کے پاس لے آئے انہوں نے شاید اسے بری طرح مارا تھا۔ اس کے ماتھے سے خون بہہ رہا تھا۔
" بہن جی مجھے معاف کر دو ! اب زندگی بھر ایسی غلطی نہیں کروں گا۔ " وہ اس کے پیروں پر گر کر گڑگڑانے لگا تو اس نے پولس والوں سے کہا کہ اس کے خلاف کوئی کاروائی نہ کرے اسے چھوڑ دے۔ اس واقعہ کو تو اس نے اپنے تک ہی محدود رکھا تھا لیکن رکشا والوں میں شاید اس واقعہ کی تشہیر ہو گئی تھی کیونکہ اس کے بعد اس کے ساتھ ایسا کوئی حادثہ پیش نہیں آیا تھا۔
اس واقعہ سے وہ خود بہت ڈر گئی تھی۔ اس نے سوچا تھا کہ وہ اپنا تبادلہ دوپہر کی شفٹ میں کرالے گی۔ اس کے لئے اس نے کافی ہاتھ پیر بھی مارے تھے۔ لیکن بات نہیں بن سکی تھی۔ تبادلے کرنے والے اتنی قیمت مانگ رہے تھے جتنی دینا اس کی بساط کے باہر تھا۔ ویسے دوپہر کی شفٹ اس کے اور اس کے گھر والوں کے حق میں بھی مناسب نہیں تھی۔ دوپہر کی شفٹ کرنے کے لئے اسے سویرے نو دو بجے گھر سے نکلنا ہو گا اور واپسی شام سات آٹھ دس بجے تک ممکن ہی نہیں ہو سکے گی۔ ایسی صورت میں گھر ، عوف اور بشریٰ کا کون خیال رکھے گا۔ طارق ڈیوٹی دیکھے گا یا گھر اور بچوں کو ؟
اس لئے اس نے دوسری شفٹ لینے کا ارادہ بدل دیا تھا۔ سویرے کی شفٹ کے لئے اسے ساڑھے پانچ بجے کے قریب گھر سے نکلنا پڑتا تھا۔ اس طرح سے وہ ٹھیک وقت پر اسکول پہنچ بھی جاتی تھی۔ اسکول سے وہ دو ڈھائی بجے کے قریب واپس گھر آ جاتی تھی۔ طارق دس گیارہ بجے تک گھر میں ہی رہتا تھا اس کے بعد نوکرانی آ جاتی اس کے آنے تک نوکرانی گھر اور بچے سنبھالتی تھی۔ ساڑھے پانچ بجے گھر چھوڑنے کے لئے اسے چار بجے جاگنا پڑتا تھا۔ جاگنے کے بعد وہ اپنے اور بچوں کے لئے سویرے کا ناشتہ اور کبھی کبھی دوپہر کا کھانا بناتی تھی ہاں ! کبھی دیر ہو جاتی تو یہ ذمہ داری نوکرانی پر ڈالنی پڑتی۔ سارے کام کر کے وہ ٹھیک وقت پر گھر سے نکل جاتی تھی۔ نکلتے وقت وہ ہلکا سا ناشتہ کر لیتی تھی لیکن اسکول میں اسے بھوک لگ ہی جاتی تھی۔ تعطیل میں اسے ہلکا ناشتہ کرنا ضروری ہو جاتا تھا۔ اس کے بعد وہ گھر آ کر ہی کھانا کھاتی تھی۔
بس اسٹینڈ پہونچنے کے بعد اسے پونے چھ بجے کی بس مل جاتی تھی۔ یہ بس بھی ایک معمہ تھی۔ کبھی بالکل خالی ہوتی تھی تو کبھی اتنی بھیڑ کہ پیر رکھنے کے لئے بھی مشکل سے جگہ ملتی تھی۔ بس خالی ہو یا اس میں بھیڑ اسے اسی سے سفر کرنا ضروری ہوتا تھا۔ اگر وہ بس چھوٹ جائے تو مقررہ وقت پر اسکول پہونچنا نا ممکن تھا۔ کیونکہ ۲۰ کلومیٹر کا پل صراط سا سفر اسی بس کے ذریعہ مقررہ وقت میں طے کرنا ممکن تھا۔ ورنہ بھیونڈی تھانہ کا سفر ؟ خدا کی پناہ۔ بھیونڈی سے نکلے لوگ ناسک پہونچ جائیں لیکن تھانہ جانے کے لئے نکلے راستے میں ہی پھنسے رہے۔ خراب راستہ ، ٹریفک ، مسافروں ، بس کنڈکٹر ، ڈرائیور کے جھگڑے۔ صبح کے وقت ٹریفک کم ہوتی تھی بھیڑ کم ہونے کی وجہ سے کنڈکٹر کا موڈ بھی اچھا ہوتا تھا۔ اس لئے یہ سفر معینہ وقت میں پورا ہو جاتا تھا۔ اس کے بعد تھانے سے آدھے گھنٹے کا لوکل ٹرین کا سفر۔ اس میں بہت کم پریشانی ہوتی تھی۔ دوچار منٹ میں کوئی تیز یا دھیمی لوکل مل جاتی تھی۔ سویرے کا وقت ہونے کی وجہ سے لوکل میں بھیڑ نہیں ہوتی تھی۔ کبھی جنرل ڈبے میں جگہ مل جاتی تھی تو کبھی لیڈیز ڈبے میں۔ ہاں ! کسی مجبوری کے تحت بھیڑ ہونے کی وجہ سے کھڑے ہو کر سفر کرنا بھی بھاری نہیں پڑتا تھا۔
لیڈیز ڈبے میں کھڑے ہو کر سفر کرنے میں تو کوئی دشواری پیش نہیں آتی تھی لیکن جنرل ڈبے میں کھڑے ہو کر سفر کرنا ایک عورت کے لئے عذاب سے کم نہیں ہوتا ہے۔ دھکے جسم کی ہڈی پسلیاں ایک کر دیتے ہیں۔ اور ایک عورت کو تو کچھ زیادہ ہی دھکے لگتے ہیں اور خاص طور پر نازک مقامات پر۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کئی گدھ اپنی نوکیلی چونچوں سے اس کا گوشت نوچ رہے ہیں۔ کبھی راحت بھرا آرام تو کبھی عذاب بھرا یہ سفر طے کرنے کے بعد کچھ قدموں کا پیدل سفر اور اس کے بعد اسکول۔ کیسی عجیب بات تھی۔
تیس چالیس کلومیٹر سے وہ آتی تھی۔ لیکن کبھی کبھی وہ سب سے پہلے اسکول آنے والی واحد ٹیچر ہوتی تھی۔ یا پہلے نہیں بھی آتی تھی تو لیٹ کبھی نہیں ہوتی تھی۔ مگر مقامی ٹیچرس ہمیشہ تاخیر سے آتے تھے۔ اس کے باوجود اگر کسی دن مجبوری سے وہ ایک آدھ گھنٹہ تاخیر سے اسکول پہونچتی تو وہ لوگ ناک بھوں چڑھاتے۔ اور تاخیر سے آنے کے لئے اسے جواب دینا پڑتا تھا یا اس کی حاضری میں لیٹ مارک کیا جاتا تھا۔ وہ اس کے خلاف احتجاج بھی کرتی تو اس کا احتجاج بے اثر رہتا۔ کیونکہ اس کی اسکول میں کوئی لابی نہیں تھی۔ لابی نہ ہونے کی وجہ سے اس کے احتجاج میں نہ تو قوت تھی اور نہ اثر۔ جن کی لابی مضبوط تھی وہ سارے قانون کو بالائے طاق رکھ کر نوکری کرتے تھے۔
اسکول سے وہ ساڑھے بارہ بجے کے قریب نکلتی تھی۔ تھوڑی دور پیدل چلنے کے بعد ریلوے اسٹیشن اور پھر لوکل سے تھانہ۔ اور تھانہ آنے کے بعد بھیونڈی تک کا کربناک سفر۔
جب بھی وہ تھانہ بھیونڈی کے درمیان سفر کرتی تھی اسے صراط مستقیم کی یاد آتی تھی۔ روزِ محشر کے بعد بندوں کو جس بال سے باریک پُل پر سے سفر کرنا ہو گا جس کے نیچے جہنم کی آگ دہک رہی ہو گی۔ وہ سفر کتنا اذیت ناک ہو گا اس کا تو صرف تصور کیا جا سکتا تھا۔ لیکن اس سفر کو طے کرتے ہوئے جو اذیت برداشت کرنی پڑتی تھی اس کی کوئی حد نہیں تھی۔
پہلے بس کی لائن میں گھنٹوں کھڑے رہنا دھکے کھانا۔ طرح طرح کے لوگوں کی ناپاک نظروں کا نشانہ بننا۔ پھر دانستگی یا نادانستگی سے لگائے ان کے ہوس ناک دھکوں کو اپنے جسم پر جھیلنا۔ بس آئی اور جگہ مل گئی تو غنیمت ورنہ پھر بھیڑ میں کھڑے کھڑے سفر۔ بھیڑ میں گھٹتا دم اور جسم کا نکلتا کچومر۔ اس سفر میں سفر کرنے والے مسافر بھی کتنے بے حس ہوتے ہیں۔
کوئی کھڑا ہے اس سے ان کو کچھ لینا دینا نہیں ہوتا ہے۔ انہیں جگہ مل گئی ان کے لئے بس یہی کافی ہے۔ کوئی بھول کر بھی یہ نہیں سوچے گا کہ کوئی عورت کھڑی ہے۔ اسے بیٹھنے کے لئے جگہ دینی چاہیئے۔ اگر کوئی اتنی فراخدلی کرے گا تو پھر اس فراخدلی کی قیمت بھی وصول کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس فراخدلی کی اذیت ناک قیمت ادا کرنے سے بہتر تو ہے دھکے سہتے ہوئے جسموں کے درمیان گھٹ کر کھڑے کھڑے سفر کیا جائے۔ عورت تھکی ہوئی ہے ، حاملہ ہے یا بیمار ہے کوئی اس بارے میں نہیں سوچتا۔ اس کی ان حالتوں پر رحم کھا کر کوئی اسے جگہ دینے کی کوشش نہیں کرتا۔ اگر جگہ دیتا ہے تو اس سے قیمت وصول کرنے کی نیت ہوتی ہے۔ چاہے وہ کسی بھی حالت میں ہو۔ پھر ایسی حالت میں یہ سفر اور طویل ہو جاتا ہے۔
کسی دن کوئی ایکسیڈینٹ ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گئی اور دوبارہ معمول پر آنے میں گھنٹوں لگ گئے اور ایک آدھے گھنٹے کا سفر دو تین گھنٹوں پر محیط ہو گیا۔ حادثہ نہیں بھی ہوا تو بے ترتیبی سے گھسنے والی گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گئی۔
معمولی معمولی باتیں کبھی بڑی بڑی وجہ بن کر کئی گھنٹے برباد کر دیتی ہیں۔ جب وہ گھر پہونچتی ہے تو بھوک چمکی ہوئی ہوتی ہے۔ سارا جسم تھکن سے ٹوٹ رہا ہوتا ہے آنکھوں میں نیند سمائی ہوتی ہے۔ اسے کچھ سجھائی نہیں دیتا ہے وہ کیا کرے کھانا کھائے ، آرام کرے یا سوئے اس کے آتے ہی بچے اسے گھیر لیتے ہیں وہ اس سے لپٹ کر اتنی دیر کی دوری کے احساس کو کم کرنا چاہتے ہیں۔ اور تھکن کی وجہ سے بچوں کے جسم کی قربت بھی اسے بجلی کا تار محسوس ہوتی ہے۔ بڑی مشکل سے پلنگ پر لیٹ کر تھوڑی دیر سستا کر پھر اپنے کاموں میں لگ جاتی ہے۔ اگر نوکرانی نے کھانا نہیں بنایا تو اسے کھانا بنانا پڑتا ہے۔ اس درمیان طارق بھی آ جاتا ہے اور پھر سب مل کر کھانا کھانے بیٹھ جاتے ہیں۔ کبھی وہ جلدی آ گئی تو سب ساتھ ہی کھانا کھا لیتے ہیں۔ کبھی دیر ہو گئی تو مقررہ وقت ہونے پر طارق اور بچے کھانا کھا لیتے ہیں۔ اسے اکیلے ہی کھانا پڑتا ہے۔ کھانا کھانے کے بعد ایک دو گھنٹے کی نیند اس کا معمول ہے۔ ایک دو گھنٹے سونے کے بعد اس کی ساری تھکن دور ہو جاتی ہے۔ اور وہ تازہ دم ہو کر گھر کے کاموں میں لگ جاتی ہے۔
گھر کے چھوٹے موٹے کام کرنا ، رات کا کھانا بنانا ، شام میں بازار جا کر شاپنگ کرنا وغیرہ وغیرہ۔ لیکن ضروری نہیں کہ روزانہ زندگی کا یہ معمول ہو۔ کبھی کبھی معمول میں معمولی تبدیلی بھی بڑی اذیت ناک ثابت ہوتی ہے۔ آج بشریٰ کو سخت بخار آگیا۔ شام سے ہی اسے ہلکا ہلکا بخار تھا۔ آدھی رات کے بعد بخار کی شدت بڑھ گئی اور اب وہ تپ رہی ہے۔ اس کا اسکول جانا بھی ضروری ہے۔ انسپکشن جو ہے۔ ایک مہینہ اگر وہ اسکول نہ جائے تو چل سکتا ہے لیکن انسپکشن کے دن نہ جائے یہ کیسے ممکن ہے ؟
ایک محاورہ ہے اس دن تو بسترِ مرگ سے اٹھ کر بھی اسکول آنا ضروری ہے۔ وہ کئی سالوں سے کوشش کر رہی ہے کہ اسے بھیونڈی کا کوئی ٹیچر مل جائے جو اس کے ساتھ میوچول کر لے۔ اور اسے روزانہ کے اس پل صراط کے سفر سے نجات مل جائے۔ چاہے اس میں اسے تنخواہ میں نقصان سہنا پڑے۔ لیکن آج تک یہ ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ اس کی طرح کئی ٹیچر ممبئی پڑھانے جاتے ہیں۔ اور ممبئی سے ٹیچر پڑھانے کے لئے بھیونڈی آتے ہیں۔
سب کے مسائل ایک ہیں۔ لیکن کوئی بھی اسے ایسا ہم خیال نہیں ملتا جواس اذیت سے دونوں کو نجات دے دے۔ گھر بال بچے شوہر بھیونڈی میں ہیں نوکری کے لئے ممبئی جانا پڑتا ہے۔ جب تک شادی نہیں ہوئی تھی کوئی مسئلہ نہیں تھا یہ سفر کسی تکلیف کا باعث نہیں تھا۔ ہر دن ایک نیا تجربہ اور ایک نیا ایڈونچر ہوتا تھا۔ شادی کے بعد بھی کوئی مسئلہ نہیں پیدا ہوا۔ صرف جلد گھر پہونچ کر شوہر کو دیکھنے کی ایک خواہش دل میں انگڑائیاں لیتی رہتی تھی۔ لیکن اس کے بعد بچے آ گئے اور مسائل بڑھتے گئے۔
گھر میں کوئی بھی نہیں تھا جن کے بھروسے بچوں کو چھوڑ کر مطمئن ہو کر ڈیوٹی پر جا سکے۔ سب کچھ نوکروں کے سہارے اور ان کے بھروسے کرنا پڑتا تھا پتہ نہیں نوکر بچوں کا اچھی طرح خیال رکھتے بھی ہوں گے یا نہیں۔ بس یہی سوال ہر لمحہ ذہن کو کچوکتا رہتا تھا۔ کئی بار تو دل میں آیا نوکری چھوڑ دے۔ میاں بیوی میں مشورہ بھی ہوا لیکن یہ فیصلہ جذباتی فیصلہ ثابت ہوا۔ جب سامنے حقیقت کی آہنی دیواریں آئیں تو یہ فیصلہ اس سے ٹکرا کر پاش پاش ہو گیا۔ ابھی ابھی نیا گھر لیا تھا۔
طارق کی آدھی سے زیادہ تنخواہ فلیٹ کے لئے قرض کے ہفتوں کی ادائیگی میں صرف ہو جاتی تھی۔ قلیل آمدنی کے سہارے بھیونڈی جیسے مہنگے شہر میں زندہ رہنا بھی ہر چیز کے لے ترس ترس کر روز مرنا تھا۔ اس لئے نوکری بھی ضروری تھی۔ اور اس نوکری کے لئے روزانہ اذیت کا سفر بھی ضروری تھا۔ بچے بخار میں تپ رہے تھے لیکن پھر بھی اسکول جانا ضروری۔ گھر پہنچنے کی جلدی لیکن ایسے حالات پیدا ہو گئے کہ معمول سے دو چار گھنٹے لیٹ پہونچنا پڑے۔
روزانہ وقت پر اسکول جانا ہو جاتا تھا۔ ایک آدھ بار بس یا ٹرین دیر سے چلنے کی وجہ سے اسکول پہونچنے میں تاخیر ہو گئی اور اسی دن کسی آفیسر نے اسکول کا دورہ کیا۔ اور ہاتھ میں دیری سے اسکول آنے کا میمو آگیا۔ رکشا میں بیٹھی تو ذہن میں بشریٰ کی بیماری کے ساتھ انسپکشن ہونے کی وجہ سے جلد یا وقت پر اسکول پہونچنے کا خیال بھی تھا۔ وقت پر بس بھی مل گئی اور بیٹھنے کے لئے جگہ بھی۔ لیکن راستے میں بس ڈرائیور ایک ٹرک والے سے الجھ گیا۔ ان کے جھگڑے میں پندرہ منٹ دیر ہو گئی۔ تھانے اسٹیشن پر آئی تو تیز لوکل نکل چکی تھی۔ دھیمی ٹرین دس منٹ دیر سے آئی۔ اسکول پہونچی تو پورے آدھے گھنٹے تاخیر ہو گئی تھی۔
ایجوکیشن آفیسر آ چکا تھا اور انسپکشن شروع ہو چکا تھا۔ " مسز مومن ! آپ کو شرم آنی چاہیئے۔ آپ آدھا گھنٹہ لیٹ اسکول آئی ہیں۔ اس سے تو یہی محسوس ہوتا ہے آپ انسپکشن کے دن لیٹ آئی ہیں تو روزانہ تو کئی گھنٹے لیٹ آتی ہوں گی۔ آپ اس طرح لیٹ اسکول آ کر بچوں کا کتنا نقصان کر رہی ہیں آپ کو احساس ہے ؟ سرکار آپ کو تنخواہ کس لئے دیتی ہے ؟ " آفیسر کا لیکچر سننا پڑا تھا۔ اور اپنی بے بسی پر اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ وہ کیا جواب دے اس کی کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا۔ دن بھر انسپکشن چلتا رہا لیکن اس کا ذہن بشریٰ میں الجھا رہا۔ پتہ نہیں کیسی ہو گی ؟ بارہ بجے کے قریب ایک شناسا نے آ کر خبر دی کہ بھیونڈی سے طارق کا فون آیا ہے کہہ رہے ہیں کہ تم فوراً آ جاؤ بشریٰ کی طبیعت بہت خراب ہے۔
اس نے طارق کو ایک شناسا کا نمبر دے رکھا تھا تاکہ اگر اسے کوئی ضروری پیغام دینا ہو تو وہاں رابطہ قائم کرے۔ وہ لوگ بھی اسے فوراً مطلع کر دیتے تھے۔ وہ فوراً اسکول سے نکل گئی۔ اسٹیشن آ کر لوکل میں بیٹھی اور لوکل چل دی۔ لیکن تھوڑی دور جا کر رک گئی۔
کسی لیڈر پر حملہ ہوا تھا۔ اس کے خلاف احتجاج کر کے لوگوں نے ٹرین سروس بند کر دی تھی احتجاج کرنے والوں کو پولس کو پٹریوں سے ہٹانے میں دو گھنٹے لگ گئے اس کے بعد ٹرین چلی۔ تھانے سے اسپیشل رکشا کر کے وہ گھر آئی تو پتہ چلا بشریٰ کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اسپتال میں پلنگ پہ بشریٰ بے ہوش لیٹی تھی اس کے ہاتھ میں سرِنج لگی ہوئی تھی اس سے قطرہ قطرہ دوائی ٹپک کر نلی کے ذریعہ اس کے جسم میں جا رہی تھی۔
" بخار بہت بڑھ گیا تھا اس لئے ایڈمٹ کرنا پڑا۔ " طارق نے بتایا تو وہ اچانک پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ یہ سوچ کر کہ مرنے کے بعد تو انسان کو صرف ایک پُل صراط سے گزرنا ہو گا۔ لیکن جیتے جی اسے کتنے پُل صراط سے گزرنا پڑتا ہے ؟

عذاب کی ایک رات

بیوی کے بری طرح جھنجھوڑنے پر آنکھ کھلی۔ وہی ہوا جو عام طور پر اس طرح اچانک بیدار کئے جانے پر ہوتا ہے۔ دل کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں۔ سانسیں اپنی پوری رفتار سے چلنے لگیں اور زبان پر ریت کا صحرا اور حلق میں کانٹوں کا جنگل ابھر آیا۔
" کیا ہے ؟ " بڑی مشکل سے ہونٹوں سے آواز نکلی اور اپنے ہونٹوں پر زبان پھیر کر زبان کو تر کرنے کی کوشش کرنے لگا۔
" باہر پولس آئی ہے۔ " بیوی کلیجہ پکڑ کر بولی۔
" پولس ؟ " اس کی پیشانی پر بل پڑ گئے۔ " اتنی رات گئے اس علاقے میں پولس کا کیا کام ؟ "
" سائرن کی آواز سن کر آنکھ کھل گئی۔ پھر سناٹے میں ایسا محسوس ہوا جیسے کئی گاڑیاں آ کر رکیں۔ اور پھر بھاری بھرکم بوٹوں کی آواز گلی میں گونجنے لگی۔ " بیوی بتانے لگی۔ " پھر ماحول میں وہی پولس کے روایتی سوالات گرجنے لگے۔
" دروازہ کھولو ، کون ہو تم ، کہاں سے آئے ہو اور کتنے دنوں سے یہاں رہ رہے ہو۔ " ابھی بیوی کی بات پوری بھی نہیں ہو پائی تھی کہ دوبارہ گلی میں بھاری بھرکم قدموں کی آواز گونجی اور دروازہ کھٹکھٹایا جانے لگا۔ اس کا دل دھڑک اٹھا۔ وہ خوف زدہ نظروں سے دروازے کی طرف دیکھنے لگا۔ لیکن جب دوبارہ دروازہ کھٹکھٹایا گیا تو اندازہ ہوا ان کا نہیں پڑوسی کا دروازہ کھٹکھٹایا جا رہا ہے۔
" دروازہ کھولو ورنہ ہم دروازہ توڑ دیں گے۔ " ایک تیز آواز گونجی اور اس کے بعد دروازہ کھلنے اور پھر پڑوسی کی گھبرائی ہوئی آواز۔
" کیا بات ہے ، کون ہے ؟ "
" دکھائی نہیں دیتا ، ہم پولس والے ہیں۔ "
" پولس ؟ " صدیقی صاحب گھبرائے ہوئے تھے۔ " کیا بات ہے انسپکٹر صاحب ! اتنی رات گئے آپ نے میرے گھر آنے کی زحمت کیوں کی ؟ "
" ہمیں تمہارے گھر کی تلاشی لینی ہے۔ "
" تلاشی اور میرے گھر کی ، مگر کیوں ؟ "
" ہمیں تمہارے گھر کی تلاشی لینی ہے۔ "
" لیکن میرے گھر کی تلاشی کیوں لی جا رہی ہے ؟ "
" صرف تمہاری ہی نہیں پورے علاقے کے ہر گھر کی تلاشی کی جا رہی ہے اور ہمارے اس مشن کا نام ہے کومبنگ آپریشن۔ "
" لیکن ہمارے اس علاقے میں آپ کو کومبنگ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی ہے ؟ "
" اس لئے کہ ہمیں پتہ چلا ہے کہ اس علاقے میں غیر قانونی کام ہوتے ہیں۔ اور یہ علاقہ جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ ہے۔ اس پورے علاقے میں بنگلہ دیشی اور آئی۔ ایس۔ آئی کے ایجنٹ پھیلے اور چھپے ہوئے ہیں۔ "
" لیکن ہمارا ان تمام باتوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ہم نوکری پیشہ شریف لوگ ہیں ؟ "
" شریف لوگ ہیں ، نوکری پیشہ لوگ ہیں اور جھونپڑپٹی میں رہتے ہو ؟ "
" شریف اور نوکری پیشہ لوگوں کا جھونپڑپٹی میں رہنا کوئی جرم تو نہیں ہے۔ "
" اے ! زیادہ بک بک مت کر ہم کو اپنا کام کرنے دے۔ ہم کو قانون مت سکھا ، کیا؟ زیادہ ہوشیاری کی تو اٹھا کر پٹخ دوں گا سالا خود کو شریف آدمی بتاتا ہے۔ اے ! اس کے گھر کی اچھی طرح سے تلاشی لو۔ اگر کوئی بھی چیز ملے تو اسے بتانا کہ شرافت کیا ہے؟ پولس کے کاموں میں ٹانگ اڑاتا ہے۔ اس کے بعد صدیقی صاحب کی آواز نہیں سنائی دی لیکن گھر کے ایک ایک سامان کو الٹ پلٹ کرنے ، گرانے اور پھینکے کی آوازیں ضرور ابھرنے لگیں۔
" صاحب ! دیکھئے کتنا بڑا چھرا ہے۔ "
" یہ گوشت کاٹنے کا چھرا ہے۔ " صدیقی صاحب کی آواز ابھری۔
" یہ گوشت کاٹنے کا چھرا ہے یا مرڈر کرنے کا ابھی معلوم ہو جائے گا۔ حولدار اسے ہتھکڑی ڈال کر لے چلو۔ " انسپکٹر کی آواز ابھری۔ " نہیں نہیں ! " صدیقی صاحب کی بیوی کی آواز ابھری۔ " میرے شوہر کو کہاں لے جا رہے ہو ، نہیں میں اپنے شوہر کو بنا کسی وجہ تمہیں اپنے گھر سے لے جانے نہیں دوں گی۔ "
" اے بائی ! بازو سرک ، ہمارے کام میں دخل دینے کی کوشش مت کر ورنہ بہت بھاری پڑے گا۔ " ایک گرجدار آواز ابھری۔
" انسپکٹر صاحب ! میں سچ کہتا ہوں آپ کو غلط فہمی ہو رہی ہے۔ میں ایک شریف نوکری پیشہ آدمی ہوں۔ " صدیقی صاحب کی آواز ابھری۔
" صاب بنگالی کتابیں۔ " ایک آواز ابھری۔
" یہ دیکھئے ! کئی بنگالی کتابیں ہیں۔ "
" تو یہ آدمی ضرور بنگلہ دیشی ہو گا۔ "
" بنگلہ دیشی میں ہندوستانی ہوں۔ "
" اگر ہندوستانی ہو تو پھر یہ بنگلہ زبان کی کتابیں تمہارے پاس کہاں سے آئیں؟"
" مجھے بنگلہ ادب سے دلچسپی ہے۔ اس لئے بنگلہ زبان کی کتابیں پڑھتا ہوں۔ "
" وہ سب پولس اسٹیشن میں ثابت کرنا کہ تم بنگلہ دیشی ہو یا ہندوستانی۔ " اس کے بعد صدیقی صاحب کو شاید دھکے دیکر کمرے سے باہر لے جایا گیا تھا۔ ان کی بیوی کی داد فریاد کی آوازیں ، ڈانٹوں اور گالیوں کے شور میں دب کر رہ گئی تھیں۔ اس کے بعد ان کی باری تھی دروازہ زور سے پیٹا جانے لگا۔
" کون ؟ " دھڑکتے دل کو تھام کر بڑی مشکل سے وہ کہہ سکا۔
" پولس ! دروازہ کھولو۔ ہم تمہارے گھر کی تلاشی لینا چاہتے ہیں۔ " باہر سے ایک گرجدار آواز ابھری۔ اس نے بنا کوئی پس و پیش کے دروازہ کھول دیا۔ سات آٹھ پولس کے سپاہی اور ایک انسپکٹر دھڑدھڑاتے ہوئے کمرے میں گھس آئے اور تیز نظروں سے کمرے کی ایک ایک چیز کا جائزہ لینے لگے۔ اس کے بعد وہ بڑی تیزی سے کمرے کے ایک ایک گوشے کی طرف لپکے اور وہاں کی چیزیں اور سامان بڑی بے دردی سے نیچے اوپر کرنے اور پٹخنے لگے۔ بیوی خوف سے تھر تھر کانپتی اس کے سینے سے آ لگی۔
" کیا نام ہے تمہارا ؟ " انسپکٹر نے کڑک کر پوچھا۔
" اسرار احمد۔ "
" معلوم ہے۔ ایسی جگہ اسرار احمد نہیں تو کیا سچن کھیڈیکر رہے گا۔ کیا کام کرتے ہو ؟ "
" ایک سرکاری دفتر میں نوکری کرتا ہوں۔ "
" سرکاری دفتر میں نوکری کرتے ہو۔ " انسپکٹر حیرت سے اسے دیکھنے لگا۔
" اور یہاں رہتے ہو ؟ " " صاب ضرور اس کا تعلق آئی ایس آئی سے ہو گا۔ یہ لوگ سرکاری دفتروں میں کام کرتے ہیں اور دیش سے غداری کرتے ہوئے جاسوسی کرتے ہیں دیش کے راز بیچتے ہیں۔ " ایسا محسوس ہوا جیسے جسم کی ساری طاقت دائیں ہاتھ میں جمع ہو گئی ہے۔ اور وہ ہاتھ مکّہ کی شکل میں اس حولدار کے منہ پر پڑنے کے لئے بے تاب ہے۔ اس نے بڑی مشکل سے خود پر قابو پایا اور آگے بڑھ کر اپنی پتلون کی جیب سے اپنے دفتر کا کارڈ نکالا اور انسپکٹر کی طرف بڑھا دیا۔
" اوہ ! تو منترالیہ میں ہو ؟ " انسپکٹر نے کارڈ دیکھتے ہوئے کہا۔ " ٹھیک ہے ہم نے اپنا کام کر لیا ہے۔ اے ! چلو باہر نکلو۔ " اس نے دوسرے سپاہیوں کو حکم دیا اور سب کمرے سے باہر نکل گئے۔ سارا گھر کباڑ خانہ بن گیا تھا۔ وہ اور بیوی بے بسی سے اپنے گھر کے بے ترتیب سامان کو دیکھنے لگے پھر بیوی ایک ایک سامان کو اٹھا کر اپنی جگہ رکھنے لگی۔ اس کے بعد ان کے پڑوس کے کمرے پر حملہ ہوا تھا۔ اصغر نشے میں دھت تھا۔ بیدار کرنے پر وہ پولس سے الجھ گیا۔ " سالا ! تم پولس والے اپنے آپ کو کیا خدا سمجھتے ہو۔ کبھی بھی شریف لوگوں کے گھروں میں بے دھڑک گھس آتے ہو۔ ان کی میٹھی نیند خراب کرتے ہو۔ چلے جاؤ نہیں تو ایک ایک کو دیکھ لوں گا۔ "
" سالے زیادہ چربی چڑھ گئی ہے شاید ، ٹھہر جا ! ابھی تیری چربی اتارتے ہیں۔ " اور اس کے بعد ڈنڈوں کے برسنے کی آوازیں اور اصغر کی چیخیں فضا میں گونجنے لگیں۔ " بچاؤ ! بچاؤ ! نہیں ! نہیں ! مجھے مت مارو۔ " اس کی چیخوں میں اس کے گھر والوں ، بیوی اور بچوں کی چیخیں بھی شامل تھیں۔ اس کے بعد اصغر کو کھینچتے ہوئے باہر لے جایا گیا تھا۔ اس عذاب کا سلسلہ چال کے دوسرے کمروں پر بھی طاری رہا۔
" یا خدا ! ہم لوگوں کا یہ حال ہے تو بستی کے دوسرے لوگوں کا کیا حال ہو گا۔ " بڑبڑاتے ہوئے اس نے سوچا۔ وہ بستی جھونپڑ پٹی ضرور تھی لیکن اتنی بدنام نہیں تھی۔ جتنی عام طور پر دوسری جھونپڑ پٹیاں ہوتی ہیں۔ وہاں اکا دکا جرائم ہوتے تھے اور وہاں جرائم پیشہ افراد کی تعداد بہت کم تھی۔ اس بستی کے درمیان میں وہ ایک چھوٹی سی چال تھی۔ آٹھ دس کمروں پہ مشتمل۔ پہلے وہ بستی نہیں تھی صرف وہی چال تھی۔ جہاں اس کے جیسے نوکری پیشہ آ کر بس گئے تھے۔ جو اپنی ساکھ کے مطابق شہر کے پاش علاقے میں گھر ، مکان لینے سے قاصر تھے۔ اپنے پاس جمع معمولی سی رقم کو ڈپازٹ کے طور پر دینے کے بعد انہیں اسی چال میں کمرہ ملا تھا۔ اس کے بعد زندگی بھر کی کمائی پیٹ کی آگ ، زندگی کے مسائل ، اولاد کی پرورش اور تعلیم کی نذر ہو گئی تھی۔ اس چال سے باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔ اور چال کے ارد گرد مشروم کی طرح جھونپڑپٹی بڑھتی اور بستی گئی۔ جھونپڑپٹی میں ان کی طرح اچھے شریف اور مصیبت کے مارے لوگ بھی تھے۔ جو سر چھپانے کے لئے وہاں آباد ہوئے تھے تو سر پھرے ، جاہل ، اجڈ اور گنوار بھی تھے۔ ایسے لوگوں کو اس طرح کے عذاب بھی سہنے پڑتے ہیں۔
" اسرار بھائی ! اسرار بھائی ! کچھ کیجئے ، پولس انہیں زبردستی پکڑ کر لے گئی ہے۔ "صدیقی صاحب کی بیوی روتی ہوئی اس کے پاس آئی۔
" آپ حوصلہ رکھئے بھابی ! کچھ نہیں ہو گا میں دیکھتا ہوں۔ " اس نے صدیقی صاحب کی بیوی کو تسلی دی اور پھر بیوی سے بولا۔ " شکیلہ ! تم اپنا خیال رکھنا میں ابھی آیا۔
" آپ کہاں جا رہے ہیں ؟ مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے۔ " بیوی بولی۔
" ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ تم صدیقی صاحب کے گھر چلی جاؤ۔ " یہ کہہ کر باہر آیا تو شاید عذاب ختم ہو چکا تھا۔ پولس کی گاڑیاں جاچکی تھیں۔ چال اور آس پاس کے علاقے کے دس بارہ لوگوں کو گرفتار کر کے پولس اسٹیشن لے جایا جا چکا تھا۔ جو بچ گئے تھے آپس میں صلاح و مشورہ کر رہے تھے کہ جن کو پولس پکڑ کر لے گئی ہے انہیں کس طرح واپس لایا جائے۔ اصغر تو شراب کے نشے میں دھت تھا اور بلاوجہ پولس سے الجھ گیا تھا اسے تو پولس چھوڑنے سے رہی۔ ان کے لئے اس کا نشہ میں ہونا ہی کافی تھا۔ لیکن صدیقی صاحب کو خواہ مخواہ پولس اسٹیشن لے جایا گیا۔ ان کی بیوی کی حالت غیر ہے۔ وہ میرے پیروں پر گر کر التجا کر رہی تھی کہ صدیقی صاحب کو واپس لایا جائے۔ پڑوسی ایک جگہ جمع ہو کر باتیں کر رہے تھے۔ " ٹھیک ہے ! چلو پولس اسٹیشن چل کر دیکھتے ہیں اور انسپکٹر کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ صدیقی صاحب شریف آدمی ہیں۔ ان کا تعلق ایسے کسی آدمی سے نہیں ہے۔ جس کی تلاش میں انہوں نے یہ عذاب اس بستی پر ڈھایا تھا۔ وہ بولا تو سب اس کے ساتھ پولس اسٹیشن جانے کے لئے راضی ہو گئے۔
پولس اسٹیشن میں لوگوں کی بھیڑ تھی۔ کچھ تو وہ لوگ تھے جو اس آپریشن کے تحت پکڑ کر لائے گئے تھے۔ کچھ ان کو چھڑانے کے لئے آئے تھے۔ پولس بڑی سختی سے پیش آ رہی تھی۔ کسی کو پولس اسٹیشن میں قدم رکھنے کی اجازت نہیں تھی۔ " جاؤ سویرے آنا۔ سویرے تک یہ لوگ یہاں رہیں گے۔ سویرے ان کے بارے میں سوچیں گے کہ ان کا کیا کیا جائے۔ " اس نے اپنا کارڈ بتایا تو اسے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ اس نے انسپکٹر سے صدیقی صاحب کے بارے میں بات کی۔
" انسپکٹر صاحب ! صدیقی صاحب کو میں گذشتہ دس سالوں سے جانتا ہوں۔ ان کا تعلق جرائم پیشہ ، دہشت گرد یا ملک دشمن لوگوں سے نہیں ہے۔ وہ ایک شریف نوکری پیشہ آدمی ہیں اور ایک پرائیویٹ فرم میں اکاؤنٹنٹ ہیں۔ "
" کیا بات کرتے ہو اسرار صاحب ! ان کے گھر سے ہمیں چھرا اور بنگلہ کتابیں ملی ہیں۔ مکمل تحقیقات کے بعد ہی انہیں چھوڑ سکتے ہیں۔ " انسپکٹر نے صاف کہہ دیا۔
" اسرار بھائی ! مجھے یہاں سے کسی طرح لے چلو اگر میں سویرے تک یہاں رہ گیا تو یہاں میری جان نکل جائے گی ، وہاں میری بیوی کی۔ میں اپنے مالک کا فون نمبر دیتا ہوں ان سے اس سلسلے میں بات کر لیجئے۔ " کہتے ہوئے انہوں نے ایک فون نمبر دیا تو وہ اس کو لے کر باہر آیا اور ایک پبلک ٹیلی فون بوتھ سے اس نمبر پر فون لگانے کی کوشش کرنے لگا۔
" ہیلو ! " تین چار بار کوشش کرنے پر ایک نیند میں ڈوبی آواز ابھری۔
" ملہوترہ صاحب ! صدیقی صاحب جو آپ کی آفس میں کام کرتے ہیں۔ میں ان کا پڑوسی بول رہا ہوں۔ ان کو آپریشن کومبنگ کے دوران پولس پکڑ کر لے گئی ہے اور ان پر بنگلہ دیشی ، جرائم پیشہ اور وطن دشمن ہونے کا شک کر رہی ہے۔ آپ پولس اسٹیشن فون کر کے صدیقی صاحب کے بارے میں کچھ کہہ دیں تو ہمیں صدیقی صاحب کو چھڑانے میں مدد ملے گی۔ "
" صدیقی صاحب اور بنگلہ دیشی ، جرائم پیشہ اور ملک دشمن ؟ نا ن سنس۔ ان لوگوں نے تو شریف لوگوں کا جینا مشکل کر رکھا ہے۔ بھئی میرے فون سے کچھ نہیں ہو گا۔ میرا ایک دوست وزارتِ داخلہ میں کام کرتا ہے۔ اس سے فون کرواتا ہوں تب ہی کچھ کام بنے گا۔ "
" آپ فون ضرور کروائیے۔ ورنہ صدیقی صاحب کو رات بھر ......... ! "
" تم فکر مت کرو صدیقی مجھے بہت عزیز ہے۔ " ملہوترہ صاحب نے اس کی بات کاٹ کر کہا اور فون بند کر دیا۔ وہ پولس اسٹیشن آیا اور صدیقی صاحب کو تسلی دینے لگا۔ کہ ملہوترہ صاحب وزارتِ داخلہ کے کسی آدمی سے فون کروانے والے ہیں اور پولس انہیں چھوڑ دے گی۔ پولس اسٹیشن میں ہاتھوں ، گالیوں اور لاتوں سے ایک ایک آدمی کی باز پرس جاری تھی۔ وقت چیونٹی کی رفتار سے رینگ رہا تھا۔ اچانک ٹیلی فون کی گھنٹی بجی تو انسپکٹر نے فون اٹھایا۔
" کولی واڑہ پولس اسٹیشن میں انسپکٹر سانے۔ اچھا صاحب ! اچھا صاحب۔ وہ بس یوں ہی شک کی بنا پر پوچھ تاچھ کے لئے یہاں لائے ہیں۔ چھوڑ رہے ہیں۔ " فون رکھ کر وہ قہر آلود نظروں سے سامنے بیٹھے لوگوں کو گھورنے لگا۔ " صدیقی کون ہے ؟ "
" میں ہوں۔ " صدیقی صاحب نے ڈرتے ڈرتے کہا۔ " تو پہلے صاف صاف کیوں نہیں بتایا کہ وائی کر صاحب کو پہچانتے ہو ؟جاؤ اپنے گھر جاؤ۔ "
سب جب صدیقی صاحب کے ساتھ پولس اسٹیشن سے باہر آئے تو پو پھٹ رہی تھی اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے عذاب کی ایک رات ختم ہو گئی ہے۔

سائل

امام نے سلام پھیرا اور اسی وقت عقب سے ابھرنے والی آواز کو سن کر تمام نمازی پیچھے مڑ کر دیکھنے لگے۔ ایک شخص کھڑا تھا۔
" برادران ! میرا تعلق ریاست بہار سے ہے۔ میری لڑکی کے دل کا آپریشن ہونے والا ہے اس سلسلہ میں ، میں یہاں آیا ہوں۔ آپریشن کے لئے لاکھوں روپیہ درکار ہے۔ آپ کی اعانت کا قطرہ قطرہ مل کر میرے لئے سمندر بن جائے گا۔ میری بیٹی کی جان بچ جائے گی۔ میری بیٹی کی جان بچا کر ثواب دارین حاصل کریں۔ "اس شخص کی آواز سن کر کچھ نمازیوں کے چہروں پر ناگواری کے تاثرات ابھرے کچھ غیض و غضب بھری نظروں سے اسے دیکھنے لگے۔ کچھ بڑبڑانے لگے۔
" لوگوں نے دھندا بنا لیا ہے۔ خدا کے گھر میں بیٹھ کر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔ "
" خدا کے گھر ، نماز کا بھی کوئی احترام نہیں۔ نماز ختم بھی نہیں ہوئی اور حضرت شروع ہو گئے۔ "
" نماز کے دوران اس قسم کے اعلانات پر پابندی لگا دینی چاہیئے۔ " باتوں کا سلسلہ درمیان میں ہی منقطع ہو گیا۔ کیونکہ امام نے دعا کے لئے ہاتھ اٹھا لئے تھے۔
پتہ نہیں کیوں اس شخص کی بات سن کر ان کے دل میں ایک ہوک سی اٹھی۔ اس شخص کے بیٹھ جانے کے بعد بھی وہ بار بار اسے مڑ کر دیکھتے رہے۔ انہیں اس شخص کا چہرہ بڑا مسکین محسوس ہوا۔ انہیں ایسا لگا جیسے یہ شخص سچ مچ مدد کا طالب ہے اور یہ جھوٹ نہیں بول رہا ہے۔ اسے ایسا سچ مچ اپنی بیٹی کی جان بچانے کے لئے مدد درکار ہے۔ دعا ختم ہو گئی اور وہ اسی بارے میں سوچتے رہے۔ وہ مسجد سے باہر نکلے تو انہیں وہ شخص مسجد کے دروازے کے پاس ایک رومال پھیلائے بیٹھا دکھائی دیا۔ رومال میں کچھ سکے اور ایک دو ، ایک دو روپیہ کی نوٹیں پھیلی تھیں۔ ایک لمحہ کے لئے وہ رک گئے جیب میں ہاتھ ڈالا اور پیسوں کا اندازہ لگانے لگے اور آگے بڑھ گئے۔
گھر آئے تو بہو اور بیٹا ایک آدمی کے ساتھ باتیں کر رہے تھے۔
" اگر آپ سیلنگ لگاتے ہیں ؟" وہ آدمی کہہ رہا تھا۔ " تو میں آپ کو بالکل نئے طرز کی سیلنگ لگا کر دوں گا۔ اس طرح کی سیلنگ میں نے ایک فلم اسٹار کے بیڈروم میں لگائی ہے۔ ایک بڑی کمپنی کے آفس میں بھی اسی طرح کی سیلنگ ہے۔ اگر آپ صرف سیلنگ لگائیں گے تو پورے فلیٹ میں سیلنگ لگانے کا خرچ پچیس ہزار روپے کے قریب آئے گا۔ اگر آپ سیلنگ صرف بیڈروم میں لگانا چاہتے ہیں تو دس ہزار روپے کے قریب خرچ آئے گا۔ "
"پورے فلیٹ میں سیلنگ لگانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ صرف بیڈ روم میں ہی سیلنگ لگائیں گے۔ " بہو بیٹے کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھ رہی تھی۔ ابھی گذشتہ سال ہی تو بیس ہزار روپے خرچ کر کے سیلنگ لگوائی تھی۔ " اتنی جلدی سیلنگ بدلنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ہاں بیڈروم میں سیلنگ بدلنے کی سخت ضرورت ہے کیونکہ بیڈروم میں نیا پن تو ہونا چاہیئے۔ "
" ٹھیک ہے ! " بیٹا اس آدمی سے کہنے لگا کہ تم کل آفس آ کر پانچ ہزار روپے اڈوانس لے لینا اور پرسوں سے کام شروع کر دینا۔ کام دو تین دنوں میں ختم ہو جانا چاہیئے۔ "
" صاحب ! دو تین دنوں میں کام ختم ہونا تو مشکل ہے کم سے کم آٹھ دن تو لگیں گے ہی۔ " وہ آدمی کہنے لگا۔
" ٹھیک ہے ! لیکن کم سے کم وقت میں کام ختم کرنا اگلے ماہ میم صاحب کی برتھ ڈے ہے۔ اس برتھ ڈے کی پارٹی میں میں اپنے اور میم صاحب کے دوستوں کو سرپرائز گفٹ دینا چاہتا ہوں۔ " بیٹا کہہ رہا تھا۔
" آپ فکر نہ کریں کام وقت پر ہو جائے گا۔ " وہ آدمی اٹھ کر جانے لگا۔
" ارے ہاں ! مجھے اپنی اس برتھ ڈے پر کوئی قیمتی گفٹ چاہیئے جو کم سے کم بیس ہزار روپے کا ہو اور پھر پارٹی پر بھی تو دس بارہ ہزار روپے خرچ تو ہوں گے ہی۔ پھر یہ سیلنگ کا کام۔ اتنے پیسے ہیں بھی یا نہیں ؟ "
" تم فکر کیوں کرتی ہو۔ سارا انتظام ہو جائے گا۔ " بیٹا بولا۔ اچانک اس کی نظر ان پر پڑی۔ " ارے ابا جان ! آئیے۔ ہم لوگ آپ ہی کا انتظار کر رہے تھے۔
" چلئے جلدی سے ہاتھ منہ دھو لیجئے۔ نرگس ذرا کھانا لگانا۔ "
" ابھی لگاتی ہوں۔ " کہتی ہوئی بہو اٹھ گئی۔ کھانا لگا گیا اور وہ ساتھ میں کھانا کھانے لگے۔ کھانا کھاتے وقت بھی ان کا ذہن کہیں اور ہی الجھا ہوا تھا۔ بیٹا فلیٹ کی چھت بدلنے پر دس بیس ہزار روپے خرچ کرنے پر تیار ہے۔ بیوی کی سالگرہ پر دس بیس ہزار روپے کا تحفہ دینے کے لئے تیار ہے سالگرہ کی پارٹی پر دس بارہ ہزار روپے خرچ کرے گا۔ خدا نے اسے وہ آسودگی عطا کی ہے۔ جس کے لئے میں زندگی بھر ترستا رہا۔
مریم ! لگتا ہے ہمارے برے دن دور ہو گئے ہیں تمہاری بھی ساری دکھ تکلیفیں دور ہونے والی ہیں۔ تمہیں بہت جلد اس موذی مرض سے نجات ملنے والی ہے رات کو سونے کے لئے لیٹے بھی تو ذہن میں بیٹا ہی چھایا ہوا تھا۔
" بیٹے عامر !ایسا لگتا ہے تم میرے سارے خوابوں کو پورا کر دو گے۔ تمہارے بارے میں میں نے جو جو خواب دیکھے تھے وہ سارے خواب پورے کر دو گے۔ خدا تمہیں زندگی کے ہر امتحان میں کامیاب کرے۔ اور ساری دنیا کی مسرّتیں ، خوشیاں آ کر تمہاری جھولی میں جمع ہو جائیں۔ ان کی آنکھوں کے سامنے پانچ چھ سال کے عامر کی تصویر گھوم گئی۔ جب وہ کھیتوں میں کام کر رہے ہوتے تو عامر اپنے ننھے ننھے ہاتھوں میں تختی تھامے دوڑتا ہوا آتا تھا اور دور سے ان سے چیخ کر کہتا تھا کہ ابا ! آج ماسٹر جی نے ہمیں الف سے لے کر ت تک الفاظ سکھائے ہیں۔ مجھے اب پ ،ت سب لکھنا آتا ہے دیکھئے میں نے لکھا ہے۔ وہ آ کر ان سے لپٹ جاتا تھا۔ اور اپنی تختی ان کی طرف بڑھا دیتا تھا۔ تختی پر لکھے ننھے ننھے حروف پر نظر پڑتے ہی ان کا دل خوشی سے جھوم اٹھتا تھا۔
" بیٹے میرا دل کہتا ہے تو میرا نام ساری دنیا میں روشن کرے گا۔ تُو ایک دن پڑھ لکھ کر بہت بڑا آدمی بنے گا۔ " اور سچ مچ عامر نے نچلی جماعتوں سے ہی ان کا نام روشن کرنا شروع کر دیا تھا۔
گاؤں کا ہر فرد جانتا تھا کہ عامر پڑھنے لکھنے میں بہت ہوشیار ہے۔ ہمیشہ کلاس میں اول آتا ہے۔ دسویں کے امتحان میں تو وہ پورے بورڈ میں تیسرا آیا تھا اور اس کی اس کامیابی سے نہ صرف ان کا بلکہ سارے گاؤں اور گاؤں کی اس چھوٹی سی اسکول کا نام بھی روشن ہو گیا تھا اور اس کے بعد عامر کو اعلیٰ تعلیم کے لئے شہر جانا تھا۔ یہ تو بہت پہلے ہی طے ہو چکا تھا کہ وہ عامر کو اعلیٰ تعلیم کے لئے شہر بھیجیں گے۔
مریم نے اپنے کلیجے پر پتھر رکھ لیا تھا اور پتھر رکھ کر اس نے عامر کو اعلیٰ تعلیم کے لئے شہر روانہ کیا تھا۔ جس کو وہ ایک لمحہ اپنی آنکھوں سے جدا نہیں ہونے دینا چاہتی تھی۔ آخر اس کی ایک ہی تو اولاد تھی۔ دو تین بچے تو نہیں تھے جن سے دل بہلا سکے۔ پتہ نہیں کیوں قدرت نے انہیں عامر کے بعد اولاد نہیں دی۔
عامر کا داخلہ ایک اچھے کالج میں ہوا۔ اچھے نمبروں کی وجہ سے یہ داخلہ ممکن ہو سکا تھا۔ لیکن کالج کی فیس تو ادا کرنی ہی تھی۔ فیس اتنی زیادہ تھی کہ ان کی ساری بچت بھی کم پڑ رہی تھی اور مریم کے گہنے فروخت کرنے کے بعد بھی فیس کے پیسے جمع نہیں ہو رہے تھے۔
یہ طے کیا گیا کہ کھیت کا ایک ٹکڑا فروخت کر دیا جائے۔ بچے کے مستقبل اور اس کی پڑھائی سے بڑھ کر کھیت نہیں ہے۔ آخر یہ سب تو اسی کا ہے۔ اگر یہ اس کے کام نہیں آئے تو اس کی کیا وقعت۔ کھیت کا ایک ٹکڑا فروخت کر کے عامر کی فیس ادا کر دی گئی اور اس کی پڑھائی کے اخراجات کا انتظام بھی کر لیا گیا۔ بڑھتی عمر کے ساتھ ان سے کھیتوں میں کام نہیں ہوتا تھا۔ کھیت میں مزدور لگوا کر ان سے کام لیتے تھے۔ کبھی کبھی جب وہ کسی کام سے گاؤں سے باہر جاتے تو یہ کام مریم کو کرنا پڑتا تھا۔ مریم کی پرانی بیماری کا زور بڑھتا ہی جا رہا تھا۔
رات میں جب ٹھنڈی ہوائیں چلتیں تو دمےّ کا زور کچھ اتنا بڑھ جاتا تھا کہ انہیں مریم کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا تھا۔ موسم کے بدلنے سے دمّہ سے کچھ راحت ملتی تو گردے کی پتھری زور کرتی تھی اور انہی دو بیماریوں کی وجہ سے انہیں مریم کو بار بار شہر لے جانا پڑتا تھا۔ گاؤں میں آنے والے ڈاکٹر مریم کی ان بیماریوں کا صحیح طور پر علاج نہیں کر پاتے تھے۔ شہر کے ایک اچھے ڈاکٹر کے علاج سے تھوڑا ا۔ فاقہ ہو جاتا تھا۔ مریم کی دواؤں کا خرچ عامر کی پڑھائی کے خرچ کے برابر تھا۔ کھیت میں نئی فصل آتے ہی وہ سب سے پہلے دونوں کے خرچ کے پیسے الگ اٹھا کر رکھ دیتے تھے۔ لیکن نہ تو عامر کی پڑھائی کے خرچ کی کوئی حد تھی اور نہ مریم کی بیماری کے خرچ کی۔ دونوں بار بار اپنی حدود کو پار کر جاتے تھے اور ان کا سارا بجٹ گڑبڑا جاتا تھا۔ ایسے میں مریم ایثار کی مورتی بن جاتی تھی۔ وہ لاکھ تکلیفوں کو برداشت کر لیتی تھی اور ان سے کہتی تھی کہ میری طبیعت ٹھیک ہے۔ ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ پیسے عامر کو بھیج دو۔ وہ بیوی کے ایثار کو سمجھتے تھے لیکن اس معاملے میں بیوی سے بحث نہیں کر پاتے تھے۔ کیونکہ بیٹے کی پڑھائی سامنے سوالیہ نشان بن کر کھڑی ہو جاتی تھی اور عامر ہر بار اچھے نمبروں سے پاس ہوتا تھا۔ اور اس کی کامیابی سے وہ خوشی سے جھوم اٹھتے تھے۔ کہ عامر کے لئے وہ جو عبادت کر رہے ہیں۔ قدرت انہیں ان کی اس عبادت کا پھل دے رہا ہے۔ آخر وہ دن آپہونچا جب عامر نے اپنی تعلیم اچھے درجے سے پوری کر لی۔
" ابا ! اب آپ کو دن بھر دھوپ آگ میں کھیتوں میں کام کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اب ہمیں کھیتی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اللہ نے چاہا تو مجھے بہت جلد کوئی اچھی نوکری مل جائے گی اور مجھے اتنی آمدنی ہو گی کہ اس آمدنی سے آسانی سے میں آپ لوگوں کی دیکھ بھال کر سکوں گا۔ امی کا کسی اچھے ڈاکٹر سے علاج کر سکوں تاکہ امی کی بیماری جڑ سے ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے۔
عامر کی بات سچ بھی تھی۔ عامر نے جو تعلیم حاصل کی تھی اس تعلیم کی وجہ سے اسے ایسی نوکری تو آسانی سے مل سکتی تھی کہ اس میں ان تینوں کا گزر بسر ہو جائے۔ کھیتوں میں کام نہ کرنے کے عامر کے فیصلے سے وہ بھی مسرور تھے اب ان سے بھی دھوپ میں کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی نگرانی کا کام نہیں ہوتا تھا۔ وہ کھیت میں ہوتے تھے۔ لیکن ان کا سارا دل گھر میں لگا ہوتا تھا۔ مریم کیسی ہو گی پھر کہیں درد کا دورہ تو نہیں پڑ گیا ؟ کئی بار ایسا ہوا جب وہ کھیت سے واپس آئے تو انہوں نے مریم کو کبھی پتھری کے درد سے یا کبھی دمے کے دورے کے درد سے تڑپتا ہوا پایا۔ بس اسی وجہ سے مریم کو چھوڑ کر جانے کو ان کا دل نہیں چاہتا تھا۔
تعلیم ختم کرنے کے بعد عامر ایک دو ہفتہ ان کے پاس آ کر رہا تھا۔ پھر نوکری کی تلاش میں واپس شہر چلا گیا۔ ایک ہفتے کے اندر اس کا خط آیا کہ اسے ایک اچھی نوکری مل گئی ہے۔ دو مہینے بعد آیا تو کہنے لگا۔ پہلے سے بھی اچھی جگہ نوکری مل گئی ہے۔ اس لئے اس نے پہلی نوکری چھوڑ دی ہے۔
تین چار مہینے کے بعد اس کا خط آیا کہ اس نے ایک چھوٹا سا کمرہ لے لیا ہے۔ وہ لوگ چاہیں تو آ کر اس کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ عامر کے پاس جا کر رہنا ایک تضاد کا معاملہ تھا۔ دونوں اس کے لئے راضی نہیں تھے۔ اپنا گاؤں ، کھیت اور گھر چھوڑ کر اجنبی شہر کہاں جائیں ؟ وہاں نہ کسی سے جان نہ پہچان۔ پھر وہاں کے ہزاروں مسائل۔ عامر کے بہت زور دینے پر وہ کچھ دن اس کے پاس رہنے آئے۔ لیکن آنے کے بعد دونوں کا یہی خیال تھا کہ وہ اس کے پاس شہر میں نہیں رہ سکتے۔ انہیں وہاں کا ماحول راس نہیں آیا تھا نہ ان میں وہاں کے مسائل کا سامنا کرنے کی تاب تھی۔ اس درمیان میں عامر نے انہیں لکھا اس نے ایک لڑکی پسند کر لی ہے اور لڑکی کے گھر والے اس کی شادی عامر سے کرنے کے لئے تیار ہیں۔ آپ لوگ آ کر اس معاملے کو طے کر جائیں۔ اس بات کو پڑھ کر وہ خوشی سے جھوم اٹھے تھے۔ عامر نے ان کے سرکا ایک بوجھ ہلکا کر دیا تھا۔ انہیں عامر کے لئے لڑکی ڈھونڈنی نہیں پڑی تھی۔ اس نے خود ڈھونڈ لی تھی۔ شادی بیاہ کے بارے میں وہ اتنے دقیانوسی نہیں تھے کہ عامر کی اس بات کا برا مان جائیں۔ ان کا خیال تھا کہ عامر کو اس لڑکی کے ساتھ زندگی گزارنی ہے۔ اس نے خود لڑکی پسند کی ہے تو لڑکی اچھی ہی ہو گی۔
وہ ایک دن جا کر نرگس کو دیکھ آئے اور شادی کی تاریخ بھی پکی کر آئے۔ اس کے بعد انہوں نے بڑی دھوم سے عامر کی شادی کی۔ گاؤں کے جو لوگ بھی ان کے ساتھ عامر کی شادی کے لئے شہر گئے تھے ان کا بھی کہنا تھا کہ آج تک گاؤں میں اتنی دھوم دھام سے کسی کی شادی نہیں ہوئی۔
اس شادی میں ان کی ساری جمع پونجی اور مریم کے سارے زیورات کے ساتھ زمین کا ایک ٹکڑا بھی بک گیا لیکن پھر بھی انہیں کوئی غم نہیں تھا۔ وہ ایک اور فرض سے سبک دوش ہو گئے تھے جیسے ان کی قسمت میں قدرت نے آرام لکھ دیا تھا۔ عامر ہر ماہ اتنی رقم بھیجتا تھا کہ انہیں کھیتوں میں فصل اگوانے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی تھی اور اس رقم میں ان کا آرام سے گزر بسر ہو رہا تھا۔
معاملہ اس وقت گڑبڑا جاتا جب عامر رقم روانہ نہیں کرتا اور روانہ نہیں کرنے کی وجہ لکھ دیتا۔ نرگس اسپتال میں تھی اس کی بیماری پر کافی خرچ ہو گیا۔ نیا فلیٹ بک گیا اس کے پیسے بھرنے ہیں۔ رنگین ٹی وی لیا ہے اس کی قسطیں ادا کرنی ہیں۔ پھر مریم کی بیماریاں بھی زور پکڑنے لگیں۔ کبھی کبھی ان کو بھی چھوٹی موٹی بیماریاں آ گھیرتیں تب انہیں محسوس ہوتا کہ عامر پر تکیہ کرنا بے وقوفی ہے۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے انہیں آرام کرنے کی بجائے کھیتوں میں کام کرنا چاہیئے۔ اور وہ پھر سے کھیتوں کی طرف متوجہ ہو گئے۔ اس وجہ سے ان کی بیماریاں بھی بڑھنے لگیں اور مریم کی بھی۔ مریم کو کبھی کبھی درد کے اتنے شدید دورے پڑتے تھے کہ محسوس ہوتا کہ ابھی اس کی جان نکل جائے گی۔ ڈاکٹر نے بھی صاف جواب دے دیا تھا۔ اب تک میں دواؤں سے درد کو دبانے کی کوشش کے ساتھ ساتھ پتھری کو ختم کرنے کی کوشش بھی کرتا رہا ہوں۔ لیکن نہ تو پتھری ختم ہو سکی ہے اور نہ درد اور اس وقت جو صورتِ حال ہے اس کے پیشِ نظر آپریشن بے حد ضروری ہے۔ ورنہ کسی دن درد کا یہ دورہ جان لیوا ثابت ہو گا۔
مریم کی زندگی کے لئے آپریشن بے حد ضروری تھا اور اس پر دس پندرہ ہزار روپوں کے خرچ کی امید تھی۔ اتنی رقم ان کے پاس نہیں تھی۔ ڈاکٹر نے جلد آپریشن کرنے پر زور دیا تھا۔ اس لئے انہوں نے سوچا ساری صورتِ حال سے عامر کو مطلع کر دیا جائے۔ وہ مریم کے آپریشن کا انتظام کر دے گا۔ اس کے لئے وہ عامر کے پاس آئے آتے ہی ادھر ادھر کی باتوں کے بعد اور پھر رات کا کھانا کھا کر سونے کے لئے آلیٹے۔ سوچا سویرے اطمینان سے باتیں کریں گے۔
دوسرے دن ناشتے کی میز پر انہوں نے ساری صورتِ حال بیٹے کے سامنے رکھ دی۔ " ابا میں نے آپ کو بار بار لکھا تھا کہ آپ امی کے علاج سے کوتاہی نہ برتیں ان کی بیماری بہت خطرناک ہے۔ "
"ڈاکٹر کہتا ہے اب آپریشن بے حد ضروری ہے۔ "وہ بتانے لگے۔ " ورنہ کسی دن بھی تمہاری امی کی جان جا سکتی ہے۔ آپریشن میں دس پندرہ ہزار روپے خرچ آئے گا۔ اس لئے میں تمہارے پاس آیا ہوں۔ اگر تم پیسوں کا انتظام کر دو تو آپریشن کروا لوں۔ ڈاکٹر نے ساری تیاریاں کر لی ہیں۔ "
" آپریشن ؟ " ان کی بات سوچ کر عامر کچھ سوچ میں ڈوب گیا۔ " دس پندرہ روپوں کا انتظام ؟ " بہو بیٹے کا منہ دیکھنے لگی۔
" ابا ! اب آپ سے کیا کہوں میں بھلا اتنی بڑی رقم کا انتظام کیسے کر سکتا ہوں۔ آپ جانتے ہیں میرے پیچھے کتنے خرچ ہیں۔ آپ کو باقاعدگی سے پیسہ روانہ کرنا ہوتا ہے۔ اس فلیٹ کو خریدنے کے لئے جو قرض لیا تھا اس کی قسطیں کٹ رہی ہیں۔ فرنیچر اور ٹی وی والوں کی ادھاری دینی ہے۔ سمجھ لیجئے اس وقت میں کاندھے تک قرض میں دھنسا ہوں اور آپ امی کے آپریشن کے لئے دس پندرہ ہزار روپے مانگ رہے ہیں ؟ "
بیٹے کی بات سن کر حیرت سے وہ اس کا منہ تاکنے لگے۔ بیٹے نے نظریں چرا لیں تو وہ فلیٹ کی چھت کو گھورنے لگے جہاں نئی طرز کی سیلنگ آویزاں تھی۔ اچانک ان کی آنکھوں کے سامنے مسجد میں اپنی بیٹی کے دل کے آپریشن کے لئے لوگوں سے مدد مانگنے والے اس آدمی کا چہرہ گھوم گیا اور وہ لرز اٹھے۔ انہیں لگا جیسے وہ بیٹے کے فلیٹ کے دروازے پر رومال بچھا کر اس سے ماں کے آپریشن کے لئے مدد مانگ رہے ہیں۔

ہرنی

ب وہ گھر سے نکلی تو نو بج رہے تھے۔ تیز لوکل تو ملنے سے رہی دھیمی لوکل سے ہی جانا پڑے گا۔ وہ بھی وقت پر مل گئی تو ٹھیک۔ ورنہ یہ تو طے ہے کہ آج پھر تاخیر سے آفس پہنچے گی۔ اور لیٹ آفس آنے کا مطلب ؟ اس خیال کے ساتھ ہی اس کی پیشانی پر بل پڑ گئے اور بھویں تن گئیں۔ آنکھوں کے سامنے باس کا چہرہ گھوم گیا۔ اور کانوں میں اس کی گرجدار آواز سنائی دی۔
" مسز مہاترے ! آپ آج پھر لیٹ آئیں ہیں۔ میرے بار بار تاکید کرنے پربھی آپ روز لیٹ آتی ہیں۔ آپ کی اس ڈھٹائی پر مجھے غصہ آتا ہے۔ آپ کو شرم آنی چاہیئے۔ بار بار تاکید کرنے پر بھی آپ وہی حرکت کرتی ہیں۔ آج کے بعد میں آپ سے کوئی رعایت نہیں کروں گا۔
کوئی اس سے بڑی تیزی سے ٹکرایا تھا اور اس کے خیالوں کا تسلسل ٹوٹ گیا تھا۔ وہ سڑک پر تھی۔ بھیڑ اور ٹریفک سے بھری سڑک اسے پار کرنی تھی۔ اس لئے اپنے ہوش و حواس میں رہنا بہت ضروری تھا۔ غائب دماغ رہتے ہوئے سڑک پار کرنے کی کوشش میں کوئی بھی حادثہ ہو سکتا تھا۔ جو اس سے ٹکرایا تھا وہ تو کہیں دور چلا گیا تھا لیکن اس کے ٹکرانے سے اس پر غصہ نہیں آیا تھا۔
اچھا ہوا وہ اس سے ٹکرا گئی۔ اس کے خیالوں کا سلسلہ تو ٹوٹ گیا اور وہ ہوش کی دنیا میں واپس آ گئی۔ ورنہ تناؤ میں وہ اپنے انہی خیالوں میں کھوئی رہتی اور بے خیالی میں سڑک پار کرنے کی کوشش میں کسی حادثہ کا شکار ہو جاتی۔ اس نے چاروں طرف چوکنا ہو کر دیکھا۔ سڑک کے دونوں طرف کی گاڑیاں اتنی دور تھیں کہ وہ آسانی سے دوڑ کر سڑک پار کر سکتی تھی۔
سگنل تک رکنے کا مطلب تھا خود کو اور دوچار منٹ لیٹ کرنا۔ اس خیال کے آتے ہی اس نے سڑک پار کرنے کا فیصلہ کر لیا اور دوڑتی ہوئی سڑک کی دوسری طرف پہنچ گئی۔ دونوں طرف سے آنے والی گاڑیاں اس کے کافی قریب ہو گئی تھیں۔ ذرا سی تاخیر یا سستی کسی حادثہ کا باعث بن سکتی تھی۔ لیکن اس نے اپنے آپ کو پوری طرح اس کے لئے تیار کر لیا تھا۔ کوئی حادثہ نہ ہو اس بات کا پورا خیال رکھا تھا۔ سڑک پار کر کے وہ اس تنگ سی گلی میں داخل ہوئی۔ جس کو پار کرنے کے بعد ریلوے اسٹیشن کی حد شروع ہوتی تھی۔ گلی میں قدم رکھتے ہی اس کے دل کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں۔ سانس پھولنے لگی اور ماتھے پہ پسینے کی بوندیں ابھر آئیں اس نے ہاتھ میں پکڑے رومال سے پیشانی پر آئی پسینے کی بوندیں صاف کیں اور پھولی ہوئی سانسوں پر قابو پانے کی کوشش کرنے لگی۔ لیکن اسے علم تھا نہ پھولی ہوئی سانسوں پر وہ قابو پاسکے گی اور نہ ہی دل کے دھڑکنے کی رفتار معمول پر آئے گی۔
ذہن میں کھوٹا کا خیال جو آگیا تھا۔ اسے پورا یقین تھا۔ گلی کے درمیان میں اس پان کی دکان کے پاس کھوٹا کرسی لگا کر بیٹھا ہو گا۔ اسے آتا دیکھ کر بھدے انداز میں مسکرائے گا اور اس پر کوئی گندہ فقرہ کسے گا۔ کھوٹا کا یہ روز کا معمول تھا۔ صبح شام اس جگہ وہ اس کا انتظار کرتا تھا۔ اسے پتہ تھا سویرے وہ کب آفس جاتی ہے اور شام کو اب واپس آفس سے گھر جاتی ہے۔ اس کے آنے جانے کا راستہ وہی ہے۔ ریلوے اسٹیشن جانے کا اور ریلوے اسٹیشن سے گھر جانے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ ایک ہے بھی تو وہ اتنی دور کا راستہ ہے کہ اس راستے سے جانے کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا ہے۔ اس لئے کھوٹا اسی راستے پر بیٹھا اس کا انتظار کرتا رہتا تھا اور اسے دیکھتے ہی کوئی بھدا سا فقرہ ہوا میں اچھالتا تھا۔
" ہائے ڈارلنگ ! بہت اچھی لگ رہی ہو۔ یہ آفس ، نوکری ووکری چھوڑو۔ مجھے خوش کر دیا کرو۔ ہر مہینہ اتنے پیسے دے دیا کروں گا جو نوکری سے تین چار مہینے میں بھی نہیں ملتے ہوں گے۔ آؤ آج کسی ہوٹل میں چلتے ہیں۔ چلتی ہو ؟ آج شیریٹن ہوٹل میں پہلے ہی سے اپنا کمرہ بک ہے۔ نوکری کرتے ہوئے زندگی بھر شیریٹن ہوٹل کا دروازہ بھی نہیں دیکھ سکوگی۔ آج ہماری بدولت اس میں دن گزار کر دیکھو۔ "
کھوٹا کے ہر فقرے کے ساتھ اسے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ایک نیزہ آ کر اس کے دل میں چبھ گیا ہے۔ دل کی دھڑکنیں تیز ہو جاتیں تھیں اور آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھانے لگتا تھا۔ تیز چلنے کی کوشش میں قدم لڑکھڑانے لگتے تھے۔ لیکن وہ جان توڑ کوشش کر کے تیز قدموں سے کھوٹا کی نظروں سے دور ہو جانے کی کوشش کرتی تھی۔
کھوٹا اس علاقے کا مانا ہوا غنڈہ تھا۔ اس علاقے کا بچہ بچہ اس سے واقف تھا۔ شراب ، جوئے ، عصمت فروشی کے اڈے چلانا ، ہفتہ وصولی ، سپاری وصولی ، اغوا ، قتل اور مار پیٹ وغیرہ۔ غرض کہ ایسا کوئی کام نہیں تھا جو وہ نہیں کرتا تھا یا اس طرح کے معاملوں میں ملوث نہیں تھا۔ وہ جو چاہتا کر گزرتا تھا کبھی پولس کی گرفت میں نہیں آتا تھا۔ اگر کسی معاملے میں پھنس بھی گیا تو اس کے اثر و رسوخ کی وجہ سے پولس کو اسے دو دنوں میں چھوڑنا پڑتا تھا۔
اس کھوٹا کا دل اس پر آگیا تھا۔ اس پر اس مایا مہاترے پر ایک معمولی ایک چھوٹی سی پرائیویٹ آفس میں کام کرنے والی ایک بچے کی ماں پر پہلے تو کھوٹا اسے صرف گھورا کرتا تھا۔ پھر جب اسے اس کے آنے جانے کا وقت اور راستہ معلوم ہو گیا تو وہ روزانہ اس راستے پر اس سے ملنے لگا۔
روزانہ اسے دیکھ کر مسکراتا اور اس پر گندے گندے فقروں کی بارش کرنے لگتا۔ کھوٹا کی ان حرکتوں سے وہ دہشت زدہ سی ہو گئی تھی۔ اسے یہ اندازہ تو ہو گیا تھا کہ کھوٹا کے دل میں کیا ہے۔ اور اسے یہ پورا یقین تھا کہ جو اس کے دل میں ہے کھوٹا ایک دن اسے پورا کر کے ہی رہے گا۔ اس تصور سے ہی وہ کانپ اٹھتی تھی۔ اگر کھوٹا نے اپنے دل کی مراد پوری کر ڈالی یا پوری کرنے کی کوشش کی تو ؟ اس تصور سے ہی اس کی جان نکل جاتی تھی۔
" نہیں ! نہیں ! ایسا نہیں ہو سکتا۔ اگر کھوٹا نے میرے ساتھ ایسا کچھ کر دیا تو میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہوں گی۔ میں زندہ نہیں رہ پاؤں گی۔ " اسے اس بات کا علم تھا کہ وہ اتنی خوبصورت ہے کہ کھوٹا جیسے لوگ اسے دیکھ کر بہک سکتے ہیں۔ دوسرے ہزاروں لوگ اسے دیکھ کر ایسا کوئی خیال دل میں لاتے بھی تو اسے کوئی پرواہ نہیں تھی کیونکہ اسے پورا یقین تھا کہ وہ کبھی اس خیال کو پورا کرنے کی جرأت نہیں کر پائیں گے۔
لیکن کھوٹا ؟ ہے بھگوان ! وہ جو سوچ لے دنیا کی کوئی بھی طاقت اسے اس کے سوچے کام کو روکنے کی کوشش نہیں کر سکتی تھی۔ اور وہ آتے جاتے کھوٹا کی دہشت کا شکار ہوتی تھی۔ اور اس دن تو کھوٹا نے حد کر دی۔ نا صرف راستہ روک کر کھڑا ہو گیا بلکہ اس کی کلائی بھی پکڑ لی۔
" بہت زیادہ اکڑتی ہو۔ اپنے آپ کو کیا سمجھتی ہو۔ تمہیں معلوم نہیں کھوٹا سے تمہارا پالا پڑا ہے۔ ایسی اکڑ نکالوں گا کہ زندگی بھر یاد رکھو گی۔ ساری اکڑ نکل جائے گی۔ "
" چھوڑ دو مجھے۔ " اس کی آنکھوں میں خوف سے آنسو آ گئے۔ اور وہ کھوٹا کے ہاتھوں سے اپنی کلائی چھڑانے کی کوشش کرنے لگی۔ لیکن وہ کسی شیر کے چنگل میں پھنسی ہرنی سی اپنے آپ کو محسوس کر رہی تھی۔ کھوٹا بھیانک انداز میں ہنس رہا تھا اور وہ اس کے ہاتھوں سے اپنی کلائی چھڑانے کی کوشش کرتی رہی۔ اس منظر کو دیکھ کر ایک دو راستہ چلنے والے رک بھی گئے۔ لیکن کھوٹا پر نظر پڑتے ہی وہ تیزی سے آگے بڑھ گئے۔ شیطانی ہنسی ہنستا ہوا کھوٹا اس کی بے چینی سے محظوظ ہو رہا تھا۔ پھر ہنستے ہوئے اس نے دھیرے سے اس کا ہاتھ چھوڑ دیا۔ وہ روتی ہوئی آگے بڑھ گئی۔ کھوٹا کا شیطانی قہقہہ اس کا تعاقب کرتا رہا۔ وہ روتی ہوئی اسٹیشن آئی اور لوکل میں بیٹھ کر سسکتی رہی۔ اسے روتا دیکھ کر آس پاس کے مسافر اسے حیرت سے دیکھ رہے تھے۔
آفس پہونچنے تک رو رو کر اس کی آنکھیں سوج گئی تھیں۔ اس میں آئی تبدیلی آفس والوں سے چھپی نہ رہ سکی۔ اسے آفس کی سہیلیوں نے گھیر لیا۔
" کیا بات ہے مایا ، یہ تمہارا چہرہ کیوں سوجا ہوا ہے اور آنکھیں کیوں لال ہیں ؟ " اس نے کوئی جواب نہیں دیا اور ان سے لپٹ کر دھاڑیں مار مار کر رونے لگی۔ وہ سب بھی گھبرا گئیں اور اسے تسلی دیتے ہوئے چپ کرانے کی کوشش کرنے لگیں۔ بڑی مشکل سے اس کے آنسو رکے اور اس نے پوری کہانی انہیں سنا دی۔ اس سے قبل بھی وہ کئی بار کھوٹا کی ان حرکتوں کی بارے میں انہیں بتا چکی تھی لیکن انہوں نے کوئی دھیان نہیں دیا تھا۔
" نوکری پیشہ عورتوں کے ساتھ تو یہ سب ہوتا ہی رہتا ہے۔ میرا خود ایک عاشق ہے جو اندھیری سے چرنی روڈ تک میرا پیچھا کرتا ہے۔ "
" میرے بھی ایک عاشق صاحب ہیں۔ سویرے شام میرے محلے کے نکڑ پر میرا انتظار کرتے رہتے ہیں۔ "
" اور میرے عاشق صاحب تو آفس کے گرد منڈلاتے رہتے ہیں۔ آؤ بتاتی ہوں سڑک پر کھڑے آفس کی طرف ٹکٹکی لگائے دیکھ رہے ہوں گے۔ "
" اگر کھوٹا تم پر عاشق ہو گیا ہے تو یہ کوئی تشویش کی بات نہیں ہے۔ تم چیز ہی ایسی ہو کہ تمہارے تو سو دو سو عاشق ہو سکتے ہیں۔ " ان کی باتیں سن کر وہ جھنجھلا جاتی۔
" تم لوگوں کو مذاق سوجھا ہے اور میری جان پر بنی ہے۔ کھوٹا ایک غنڈہ ہے ، بدمعاش ہے۔ وہ ایسا سب کچھ کر سکتا ہے جس کا تصور بھی تمہارے عاشق نہیں کر سکتے۔ لیکن اس دن کی کھوٹا کی یہ حرکت سن کر سب سناٹے میں آ گئیں تھیں۔
" کیا تم نے اس بارے میں اپنے شوہر کو بتایا ؟ "
" نہیں ! آج تک کچھ نہیں بتایا۔ سوچتی تھی کوئی ہنگامہ نہ کھڑا ہو جائے۔ "
" تو اب پہلی فرصت میں اسے سب کچھ بتا دو۔ "
اس شام وہ معمول کے راستے سے نہیں لمبے راستے سے گھر گئی۔ اور ونود کو سب کچھ بتا دیا کہ کھوٹا اتنے دنوں سے اس کے ساتھ کیا کر رہا تھا اور آج اس نے کیا حرکت کی۔ اس کی باتیں سن کر ونود کا چہرہ تن گیا۔
" ٹھیک ہے ! فی الحال تو تم ایک دو دن آفس جانا ہی نہیں۔ اس کے بعد سوچیں گے کہ کیا کرنا ہے۔ اس کے بعد وہ تین دن آفس نہیں گئی۔ ایک دن وہ بالکنی میں کھڑی تھی۔ اچانک اس کی نیچے نظر گئی اور اس کا دل دھک سے رہ گیا۔ کھوٹا نیچے کھڑا اس کی بالکنی کو گھور رہا تھا۔ اس سے نظر ملتے ہی وہ شیطانی انداز میں مسکرانے لگا۔ وہ تیزی سے اندر آ گئی۔
رات ونود گھر آیا تو اس نے آج کا واقعہ بتایا۔ اس واقعہ کو سن کر اس نے اپنے ہونٹ بھینچ لئے۔ دوسرے دن آفس جانا بہت ضروری تھا۔ اتنے دنوں تک وہ اطلاع دئے بنا آفس سے غائب نہیں رہ سکتی تھی۔
" آج میں تم کو اسٹیشن تک چھوڑنے آؤں گا۔ " ونود نے کہا تو اس کی ہمت بندھی۔ ونود اسے اسٹیشن تک چھوڑنے آیا۔ جب وہ گلی سے گزرے تو پان اسٹال کے پاس کھوٹا موجود تھا۔
" کیوں جانِ من ! آج باڈی گارڈ ساتھ لائی ہو۔ تمہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ اس طرح کے سو باڈی گارڈ میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ " پیچھے سے آواز آئی تو اس آواز کو سن کر جوش میں ونود مڑا لیکن اس نے اسے تھام لیا۔
" نہیں ونود ! یہ غنڈوں سے الجھنے کا وقت نہیں ہے۔ " اور وہ اسے تقریباً کھینچتی ہوئی اسٹیشن کی طرف بڑھ گئی۔ اس شام واپسی کے لئے اس نے لمبا راستہ اپنایا۔ لیکن اس کالونی کے گیٹ کے پاس پہونچتے ہی اس کا دل دھک سے رہ گیا۔
کھوٹا گیٹ پر اس کا منتظر تھا۔
" مجھے اندازہ تھا کہ تم واپس اس راستے سے نہیں آؤ گی۔ اس لئے تمہاری کالونی کے گیٹ پر تمہیں سلام کرنے آیا ہوں۔ کاش تم مجھ سے فرار حاصل کر سکو۔ " یہ کہتے ہوئے وہ اسے سلام کرتا ہوا آگے بڑھ گیا۔ رات ونود کو اس نے ساری کہانی سنائی تو ونود بولا۔ " کل اگر کھوٹا نے تمہیں چھیڑا تو ہم اس کے خلاف پولس میں شکایت کریں گے۔ "
دوسرے دن ونود اسے چھوڑنے کے لئے آیا تو کھوٹا سے پھر آمنا سامنا ہو گیا۔ کھوٹا کی گندی باتیں ونود برداشت نہ کر سکا اور اس سے الجھ گیا۔ ونود نے ایک مکہ کھوٹا کو مارا۔ جواب میں کھوٹا نے ونود کے منہ پر ایسا وار کیا کہ اس کے منہ سے خون بہنے لگا۔
" بابو ! کھوٹا سے اچھے اچھے تیس مار خاں نہیں جیت سکے تو تمہاری بساط ہی کیا ہے؟ "زخمی ونود نے آفس جانے کے بجائے پولس اسٹیشن جا کر کھوٹا کے خلاف شکایت کرنا ضروری سمجھا۔ تھانہ انچارج نے ساری باتیں سن کر کہا۔ " ٹھیک ہے ہم آپ کی شکایت لکھ لیتے ہیں۔ لیکن ہم کھوٹا کے خلاف نہ تو کوئی سخت کاروائی کر پائیں گے نہ کوئی مضبوط کیس بنا پائیں گے۔ کیونکہ کچھ گھنٹوں میں کھوٹا چھوٹ جائے گا اور ممکن ہے چھوٹنے کے بعد کھوٹا تم سے اس بات کا انتقام بھی لے۔ ویسے آپ ڈریئے نہیں ہم کھوٹا کو اس کی سزا ضرور دیں گے۔ "
پولس اسٹیشن سے بھی انہیں مایوسی ہی ملی۔ اس دن دونوں آفس نہیں گئے۔ تناؤ میں بنا ایک دوسرے سے بات کئے گھر میں ہی ٹہلتے رہے۔ شام کو اس نے پولس اسٹیشن فون لگا کر اپنی شکایت پر کی جانے والی کاروائی کے بارے میں پوچھا۔
" مسٹر ونود ! " تھانہ انچارج نے کہا۔ آپ کی شکایت پر ہم نے کھوٹا کو پولس اسٹیشن بلا کر تاکید کی ہے۔ اگر اس نے دوبارہ آپ کی بیوی کو چھیڑا یا آپ سے الجھنے کی کوشش کی تو اسے اندر ڈال دیں گے۔ دوسرے دن دونوں ساتھ آفس کے لئے روانہ ہوئے۔ متعین جگہ پر پھر کھوٹا سے سامنا ہو گیا۔
" واہ بابو واہ ! تیری تو بہت پہونچ ہے۔ کھوٹا سے بھی زیادہ ؟ تیری ایک شکایت پر پولس نے کھوٹا کو بلا کر تاکید کی اور تاکید ہی کی ہے ناں ؟ اب کی بار کھوٹا ایسا کچھ کرے گا کہ پولس کو تمہاری شکایت پر کھوٹا کے خلاف کاروائی کرنی ہی پڑے گی۔ "
" کھوٹا ! ہم شریف لوگ ہیں ہماری عزت ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ پیاری ہے اور اس عزت کی حفاظت کے لئے ہم اپنی جان بھی دے سکتے ہیں اور کسی کی جان لے بھی سکتے ہیں۔ اس لئے بہتری اسی میں ہے کہ ہم شریف لوگوں کو پریشان مت کرو۔ تمہارے لئے اور بھی ہزاروں عورتیں دنیا میں ہیں۔ تم قیمت ادا کر کے من چاہی عورت کو حاصل کر سکتے ہو۔ پھر کیوں میری بیوی کے پیچھے پڑے ہو ؟ "
" مشکل یہی ہے بابو ! کھوٹا کا دل جس پر آیا ہے وہ اسے پیسوں کے بل پر نہیں مل سکتی۔ اس کی طاقت کے بل پر ہی مل سکتی ہے۔ "
" کمینے ! میری بیوی کی طرف آنکھ بھی اٹھائی تو میں تیری جان لے لوں گا۔ " یہ کہتے ہوئے ونود کھوٹا پر ٹوٹ پڑا اور بے تحاشہ اس پر گھونسے برسانے لگا۔ ہکا بکا کھوٹا ونود کے وار سے خود کو بچانے کی کوشش کرنے لگا۔ اچانک راستہ چلتے کچھ راہ گیروں نے ونود کو پکڑ لیا ، کچھ نے کھوٹا کو۔ اور وہ کسی طرح ونود کو آفس جانے کے بجائے گھر لے جانے میں کامیاب ہو گئی۔ کھوٹا سے ونود کے ٹکراؤ نے اسے دہشت زدہ کر دیا تھا۔ اسے یقین تھا کہ کھوٹا اس بے عزتی کا بدلہ ضرور لے گا۔ اور کس طرح لے گا اس تصور سے ہی وہ کانپ جاتی تھی۔ وہ ونود کو بہلاتی رہی۔
" کھوٹا کو تم نے ایسا سبق سکھایا ہے کہ آج کے بعد نہ وہ تم سے الجھے گا نہ میری طرف آنکھ اٹھانے کی جرأت کرے گا۔ تم نے جو قدم اٹھایا وہ بہت صحیح تھا۔ " بظاہر وہ ونود کو دلاسا دے رہی تھی لیکن اندر ہی اندر کانپ رہی تھی کہ کھوٹا ضرور اس بات کا بدلہ لے گا۔ اگر اس نے ونود کو کچھ کیا تو ؟
نہیں ! نہیں ! ونود کو کچھ نہیں ہونا چاہئیے ونود میری زندگی ہے۔ اگر اس کے جسم پر ایک خراش بھی آئی تو میں زندہ نہیں رہوں گی۔ اسے ایسا محسوس ہو رہا تھا اس کی وجہ سے یہ جنگ چھیڑی ہے۔ اس جنگ کا خاتمہ دونوں فریقوں کی تباہی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ اور نکل بھی نہیں سکتا۔ بہتری اسی میں ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان صلح کرا دی جائے۔ تاکہ جنگ کی نوبت ہی نہ آئے۔ لیکن یہ صلح کس طرح ممکن تھی ؟ کھوٹا انتقام کی آگ میں جھلس رہا ہو گا اور جب تک انتقام کی یہ آگ نہیں بجھے گی اسے چین نہیں آئے گا۔ اسے کھوٹا ایک اژدھا محسوس ہو رہا تھا۔ جو اس کے سامنے کھڑا اسے نگلنے کے لئے اپنی زبان بار بار باہر نکالتا اور پھنکار رہا تھا۔ اس اژدھے سے اسے اپنی حفاظت کرنی تھی۔ دوسرے دن وہ آفس جانے لگی تو پان اسٹال پر کھوٹا کا سامنا ہو گیا۔ وہ قہر آلود نظروں سے اسے گھور رہا تھا۔ اس نے مسکرا کر اسے دیکھا اور آگے بڑھ گئی۔ اسے مسکراتا دیکھ کھوٹا حیرت سے اسے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھتا رہ گیا۔
ایک دن پھر وہ آفس جانے لگی تو مسکراتا ہوا کھوٹا اس کا راستہ روک کر کھڑا ہو گیا۔ اس کی آنکھوں میں ایک چمک تھی۔
" میرا راستہ چھوڑ دو۔ " وہ قہر آلود نظروں سے اسے گھورتی ہوئی غصہ سے بولی۔
" جانم اب تو ہمارے تمہارے راستے ایک ہی ہیں۔ " کہتے ہوئے کھوٹا نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ اس نے ایک جھٹکے سے اپنا ہاتھ چھڑا لیا اور قریب کھڑے ناریل پانی فروخت کرنے والے کی گاڑی سے ناریل چھیلنے کی درانتی اٹھا کر کھوٹا کی طرف شیرنی کی طرح لپکی۔ کھوٹا کے چہرے پر ہوائیاں اڑنے لگیں۔ اچانک وہ سر پر پیر رکھ کر بھاگا۔ وہ اس کے پیچھے درانتی لئے دوڑ رہی تھی۔
پھولتی ہوئی سانسوں کے ساتھ کھوٹا اپنی رفتار بڑھاتا جا رہا تھا۔ جب کھوٹا اس کی پہونچ سے کافی دور نکل گیا تو وہ کھڑی ہو کر اپنی پھولی ہوئی سانسوں پر قابو پانے کی کوشش کرنے لگی۔ اور پھر درانتی کو ایک طرف پھینک کر آفس چل دی۔

جہنم

تین دن میں پتہ چل گیا کہ مگن بھائی نے اسے کمرہ کراۓ پر نہیں دیا بلکہ اسے کمرہ کرائے پر دینے کے نام پر ٹھگ لیا ہے۔
اب سوچتا ہے تو اسے خود حیرت ہوتی ہے کہ اس سے اتنی بڑی غلطی کس طرح ہو گئی ؟ بس کچھ دیر کے لئے وہ اس بستی میں آیا۔ مگن بھائی نے اپنی چال کا بند کمرہ کھول کر اسے بتایا 1012 x کا کمرہ تھا۔ جس کے ایک کونے میں کچن بنا ہوا تھا۔ اس سے لگ کر چھوٹا سا باتھ روم جسے عرف عام میں موری کہا جا سکتا تھا۔ کمرہ میں ایک دروازہ تھا جو تنگ سی گلی میں کھلتا تھا۔ دو کھڑکیاں تھیں ہوا اور روشنی کا کافی اچھا انتظام تھا۔ زمین پر رف لادی تھی۔ کمرے کا پلاسٹر جگہ جگہ سے اکھڑا ہوا تھا لیکن سمینٹ کا تھا۔ چھت پترے کی تھی۔ گلی کے دونوں جانب کچے جھونپڑوں کا سلسلہ تھا جو دور تک پھیلا تھا۔ وسط سے ایک نالی بہہ رہی تھی۔ جس سے گندہ پانی ابل کر چاروں طرف پھیل رہا تھا جس کی بدبو سے دماغ پھٹا جا رہا تھا۔ مگن بھائی کی وہ چال سات آٹھ کمروں پر مشتمل تھی۔ اس کے ذہن نے فیصلہ کیا کہ اسے اس شہر میں اتنا اچھا کمرہ اتنے کم داموں پر کرائے پر نہیں مل سکتا ہے۔ اس شہر میں اس سے اچھے کمرے کی توقع بھی نہیں رکھی جا سکتی تھی۔ وہ فوراً کمرہ لینے پر راضی ہو گیا۔
دوسرے دن اس نے پچیس ہزار روپے مگن بھائی کو ڈپازٹ کے طور پر ادا کئے۔ مگن بھائی نے فوراً کرایہ کے معاہدے کے کاغذات دستخط کر کے اس کے حوالے کر دئے۔ بجلی اور پانی کا اپنی طور پر انتظام کرنے کے بعد اسے کرائے کے طور پر ہر ماہ مگن بھائی کو صرف سو روپے ادا کرنے تھے۔ کرائے کا قرار نامہ صرف گیارہ ماہ کے لئے تھا لیکن مگن بھائی نے وعدہ کیا تھا وہ گیارہ ماہ کے بعد بھی اس سے وہ کمرہ خالی نہیں کرائے گا۔ وہ جب تک چاہے اس کمرہ میں رہ سکتا ہے۔ اگر اس کا کہیں دوسری جگہ اس سے بہتر انتظام ہو جاتا ہے تو وہ اپنی ڈپازٹ کی رقم واپس لے کر کمرہ خالی کر سکتا ہے۔
اس شام اپنے دوست کے گھر سے اپنا مختصر سا سامان لے کر دوست اور اس کے گھر والوں کو خدا حافظ کہہ کر وہ اپنے نئے گھر میں آگیا۔ دو تین گھنٹے تو کمرے کی صفائی میں لگ گئے باقی تھوڑے سے سامان کو قرینے سے سجانے میں۔ کمرے میں بجلی کا انتظام تھا۔ اسے صرف بلب لگانے پڑے۔ کمرے کی صفائی سے وہ اتنا تھک گیا تھا کہ اس رات وہ بنا کھائے پئے ہی سو گیا۔ سویرے حسبِ معمول چھ بجے کے قریب آنکھ کھلی تو اپنے آپ کو وہ تر و تازہ محسوس کر رہا تھا۔
بستی میں پانی آیا تھا۔ گھر کے سامنے ایک سرکاری نل پر عورتوں کی بھیڑ تھی۔ " پانی کا انتظام کرنا چاہیئے۔ " اس نے سوچا۔ لیکن پانی بھرنے کے لئے کوئی برتن نہیں تھا۔ چہل قدمی کرتے ہوئے اپنے گھر سے تھوڑی دور آیا تو اسے ایک کرانے کی دوکان نظر آئی۔ اس دوکان پر لٹکے پانی کے کین دیکھ کر اس کی بانچھیں کھل گئیں۔ کین خرید کر وہ نل پر آیا اور نمبر لگا کر کھڑا ہو گیا۔ نل پر پانی بھرتی عورتیں اسے عجیب نظروں سے گھور کر آپس میں ایک دوسرے کو کچھ اشارے کر رہی تھیں۔ اس کا نمبر آیا تو اس نے کین بھرا اور اپنے گھر آگیا۔ نہا دھو کر کپڑے بدلے گھر میں وہ ناشتہ تو بنا نہیں سکتا تھا۔ ناشتہ بنانے کے لئے درکار کوئی چیز بھی نہیں تھی۔
کسی ہوٹل میں ناشتہ کرنے کا سوچتا ہوا وہ گھر سے باہر نکل آیا۔ سوچا ناشتہ کرنے تک آفس کا وقت ہو جائے گا تو وہ آفس چلا جائے گا۔ اس دن وہ اپنے آپ کو بے حد چاک و چوبند اور خوش و خرم محسوس کر رہا تھا۔ ایک احساس بار بار اس کے اندر ایک کروٹیں لے رہا تھا کہ اب وہ اس شہر میں بے گھر نہیں ہے۔ اس کا اپنا ایک گھر تو ہے۔
کل تک یہ احساس اسے کچوکتا رہتا کہ اس کے پاس ایک اچھی نوکری ہے لیکن رہنے کے لئے ایک چھت نہیں ہے۔ وہ دوسروں کی چھت کے نیچے پناہ لئے ہوئے ہے۔ اور اس چھت کی پناہ کبھی بھی اس کے سر سے ہٹ سکتی ہے۔ اسے اپنی قابلیت کی بنا پر اس شہر میں نوکری تو مل گئی تھی۔ لیکن اس شہر میں اس کا نہ تو کوئی رشتہ دار تھا اور نہ شناسا۔ اس نے ڈیوٹی جوائنٹ تو کر لی لیکن رہائش کا سب سے بڑا مسئلہ کسی عفریت کی طرح اس کے سامنے منہ پھاڑے کھڑا تھا۔ اس مسئلے کا وقتی حل اس نے ایک درمیانی درجے کے ہوٹل میں ایک کمرہ کرائے سے لے کر نکال لیا۔ کچھ دنوں میں ہی اسے محسوس ہوا کہ اس کی تنخواہ میں وہ اس ہوٹل میں صرف رہ سکتا ہے ، کھا پی نہیں سکتا۔ اس لئے اس نے دوسرے سہارے کی تلاش شروع کر دی۔ اسے ایک ہوسٹل میں سر چھپانے کی جگہ مل گئی۔ دو چار مہینے اس نے اس ہوسٹل میں نکالے۔ لیکن ایک دن وہ سخت مصیبت میں پھنس گیا۔ ایک دن پولس نے اس نے ہوسٹل پر چھاپا مارا اور اس ہوسٹل کے سارے مکینوں کو گرفتار کر لیا۔ اس ہوسٹل سے پولس کو منشیات ملی تھیں۔ اس ہوسٹل میں کچھ غیر سماجی عناصر منشیات کا کاروبار کرتے تھے۔ بڑی مشکل سے وہ پولس کے چنگل سے چھوٹ پایا۔
وہ ایک بار پھر بے گھر ہو گیا تھا۔ وہ اپنے لئے کسی چھت کی تلاش کر رہا تھا کہ اچانک اس کی ملاقات ایک دوست سے ہو گئی۔ وہ دوست کافی دنوں کے بعد ملا تھا۔ اس دوست کا اس شہر میں چھوٹا سا کاروبار تھا۔ اس نے اپنا مسئلہ اس کے سامنے رکھا تو اس نے بڑے خلوص سے اس کو پیش کش کی کہ جب تک تمہارا کوئی انتظام نہیں ہو جاتا تم میرے گھر میں رہ سکتے ہو۔ انتظام ہونے کے بعد چلے جانا۔ اسے اُس وقت اپنا وہ دوست ایک فرشتہ معلوم ہوا۔ وہ اپنے اس دوست کے گھر رہنے لگا ساتھ ہی ساتھ اپنے لئے کوئی کمرہ ڈھونڈنے لگا۔
شہر میں کرائے سے مکان ملنا مشکل تھا۔ مکان خریدنے کی اس کی استطاعت نہیں تھی۔ جو مکان ملتے تھے ان کا کرایہ اس کی نصف تنخواہ سے زائد تھا اس پر ڈپازٹ کی کثیر رقم کی شرط۔ کچھ دنوں بعد تھک ہار کر اس نے سوچا کہ اسے ایسے علاقوں میں مکان تلاش کرنا چاہیئے جہاں کمروں کے دام کم ہوں بھلے ہی وہ علاقے اس کے مزاج و معیار کے نہ ہوں۔ اسے اس سے کیا لینا دینا ہے۔ اسے صرف رات میں ایک چھت چاہیئے۔ دن بھر تو وہ آفس میں رہے گا۔
اسے ایک اسٹیٹ ایجنٹ نے مگن بھائی سے ملایا۔ مگن بھائی نے بتایا کہ بستی میں ان کی چال میں ایک کمرہ خالی ہے وہ پچیس ہزار روپے ڈپازٹ پر دیں گے۔
" ٹھیک ہے مگن بھائی ! میں ڈپازٹ کا انتظام کر کے آپ سے ملتا ہوں۔ " کہہ کر وہ چلا آیا اور پیسوں کے انتظام میں لگ گیا۔ اتنے پیسوں کا انتظام بہت مشکل تھا۔ اپنے شہر جا کر اس نے دوستوں اور رشتہ داروں سے قرض لیا اور گھر کے زیورات ایک بینک میں گہن رکھ کر قرض لیا اور پیسوں کا انتظام کر کے واپس آیا۔ مگن بھائی نے کمرہ دکھایا اس نے کمرہ پسند کر کے پیسے مگن بھائی کو دئے اور رہنے لگا۔
شام کو جب وہ ضروری سامان سے لدا اپنے گھر آیا تو اپنے گھر کے قریب پہونچنے پر اس کے قدم زمین میں گڑ گئے۔ گلی میں چاروں طرف پولس پھیلی ہوئی تھی۔
" کیا بات ہے بھائی ! یہ گلی میں پولس کیوں آئی ہے ؟ " اس نے ایک آدمی سے پوچھا۔
" ہو گا کیا ؟ دارو کے اڈے پر جھگڑا ہوا اس میں چاقو چل گئے اور ایک آدمی ٹپک گیا۔ " یہ کہتا ہوا وہ آدمی آگے بڑھ گیا۔
" تو اس جگہ شراب کا اڈہ بھی ہے ؟ " سوچتا ہوا وہ اپنے گھر کی طرف بڑھا اور سامان پیروں کے پاس رکھ کر دروازہ کھولنے لگا۔ سامان گھر میں رکھ کر وہ معاملہ کی تفصیلات جاننے کے لئے باہر آیا تو تب تک پولس جاچکی تھی اور لاش بھی اٹھوائی جاچکی تھی۔ آس پاس کے لوگ جمع ہو کر اس واقعہ کے بارے میں باتیں کر رہے تھے۔
" ابھی تو پولس نے اڈہ بند کر دیا ہے۔ کل پھر شروع ہو جائے گا۔ "
" یہ اڈہ ہے کہاں ؟ " اس نے پوچھا تو وہ لوگ اسے سر سے پیر تک دیکھنے لگے۔
" بابو کس دنیا میں ہو ؟ تم جس چال میں رہتے ہو اسی میں تو دارو کا اڈہ ہے۔ "
" میری چال میں شراب کا اڈہ ؟ " اس نے حیرت سے یہی بات دہرائی۔
" ہاں ! نہ صرف شراب خانہ بلکہ ایک جُوئے کا اڈہ بھی ہے۔ ایک کمرے میں منشیات فروخت ہوتی ہیں اور دوسرے دو کمروں میں دھندہ کرنے والیاں رہتی ہیں۔ "یہ سنتے ہی اس کی آنکھوں کے سامنے تارے ناچنے لگے۔ اس کی چال میں شراب ، جوئے اور منشیات کے اڈے ہیں یہاں طوائفیں بھی رہتی ہیں اور اب وہ اسی چال میں رہ رہا ہے۔ اس دن تو اسے صرف اس بات کا پتہ چلا کہ وہ کیسی جگہ رہنے آیا ہے لیکن دوچار دنوں کے بعد اسے یہ پتہ چلا کہ وہاں رہنا کتنا بڑا عذاب ہے۔ لوگ بے دھڑک گھر میں گھس آتے تھے اور طرح طرح کی فرمائشیں کرتے تھے۔
" ایک بوتل چاہیئے۔ "
" ذرا ایک افیون کی گولی دینا۔ "
" ایک گرَد کی پوڑی دینا۔ "
" جمنا بائی کو بلانا ، آج اس کا فل نائٹ کا ریٹ دے گا۔ " وہ یہ سب سن کر اپنا سر پکڑ لیتا اور اس شخص کو پکڑ کر باہر کر دیتا اور اسے بتاتا کہ اسے اس کی مطلوبہ چیز کہاں مل سکتی ہے۔ اس درمیان اسے پتہ چل گیا تھا کہ کہاں کون سا دھندہ چلتا ہے اور اس دھندے کا مالک کون ہے۔ دروازہ کھلا چھوڑنا ایک سر درد تھا اس لئے اس نے دروازے کو ہمیشہ بند رکھنے میں ہی عافیت سمجھی۔ لیکن دروازہ بند رکھنا تو اور بھی سر درد تھا۔ دروازہ زور زور سے پیٹا جاتا۔ جیسے ابھی توڑ دیا جائے گا۔ وہ جھلا کر دروازہ کھولتا تو وہی سوال سامنے ہوتے تھے جو دروازہ کھلا ہونے پر اجنبیوں کے ذریعہ گھر میں گھس کر پوچھے جاتے تھے۔ وہ سوچتا وہ اکیلا ہے صرف رات کو یہاس سونے کے لئے آتا ہے تو اس کا یہ حال ہے۔ اس کے بجائے وہ یا کوئی بھی شریف آدمی اپنی فیملی کے ساتھ تو ایک لمحہ بھی نہیں رہ سکتا ہے۔
یہاں اس کا رہنا محال ہے تو بھلا وہ اپنی فیملی یہاں لانے کے بارے میں کس طرح سوچ سکتا ہے۔ ہر روز ایک نئی کہانی ، ایک نیا ہنگامہ اور ایک نیا واقعہ سامنے آتا تھا۔ شرابی جواری آپس میں لڑ پڑتے اور یہ تو ایک عام سی بات تھی۔
ایک گاہک جمنا بائی کے گھر میں جانے کی بجائے سامنے والے رگھو کے گھر میں گھس گیا اور اس کی بیوی سے چھیڑ خانی کرنے لگا۔ پولس چھاپا مارنے آئی تو شراب کا اڈہ چلانے والوں نے شراب کے ایک دو کین پیچھے رہنے والے گنپت کے گھر میں چھپا دئے پولس نے وہ کین ڈھونڈ نکالے۔ اڈہ چلانے والے تو بھاگ گئے لیکن بے چارہ گنپت اس جرم میں پکڑا گیا۔
سامنے کی شیاملہ بائی جمنا بائی کے کمرے کے پاس کھڑی تھی پولس نے جمنا بائی کے اڈے پر ریڈ کی اور جسم فروشی کرنے کے جرم میں شیاملہ کو پکڑ کر لے گئی۔ وہ بڑی مشکل سے چھوٹ پائی۔
منشیات کا دھندا کرنے والے سعید کے گھر میں منشیات پھینک گئے اور پولس سعید کے گھر سے منشیات برآمد کر کے اسے اٹھالے گئی۔ یہ سارے واقعات دیکھ کر اس کا دل دہشت کے مارے دہل جاتا تھا۔ وہ سوچتا کہ ہو سکتا ہے یہ واقعہ کل اس کے ساتھ بھی ہو۔ غنڈے اس کے کمرے میں منشیات پھینک جائیں یا شراب رکھ جائیں اور پولس اس کے گھر سے وہ چیزیں برآمد کر کے اسے بھی اسی طرح پکڑ کر لے جائے۔ جمنا بائی اس کے کمرے کے سامنے کھڑی ہو کر کسی گاہک سے مول تول کر رہی ہو گی اور پولس جمنا کو تو دھر لے گی اور اسے بھی اس جرم میں گرفتار کر کے لے جائے گی۔ کہ وہ اس جگہ جسم فروشی کا دھندہ کرواتا ہے۔
یہاں اس چھت کے نیچے رہنے سے تو بہتر ہے بے گھر آسمان کی کھلی چھت کے نیچے رہا جائے۔ وہاں رہتے ہوئے دل میں صرف اسی کرب کا احساس ہو گا کہ وہ بے گھر ہے لیکن اس چھت کے نیچے رہ کر لمحہ لمحہ دہشت کا اسیر ہو کر تو نہیں جئے گا۔ ان سب باتوں سے گھبرا کر اس نے ایک فیصلہ کر لیا کہ اسے یہ گھر چھوڑ دینا چاہیئے۔ جب تک کوئی دوسرا انتظام نہیں ہو جاتا بھلے اسے بے گھر رہنا پڑے گا لیکن وہ اس دہشت و عذاب سے تو بچا رہے گا۔ وہ مگن بھائی کے پاس گیا اور اس سے صاف کہہ دیا۔ " میرا ڈپازٹ واپس کر دیجئے۔ مجھے آپ کا کمرہ نہیں چاہیئے۔ "
" ارے کیسے واپس کرے گا۔ ہمارا گیارہ مہینے کا ایگریمینٹ ہوا ہے اس لئے تم گیارہ مہینے سے پہلے وہ کمرہ خالی نہیں کر سکتا۔
" تم گیارہ مہینے کی بات کرتے ہو۔ میں اس جگہ ایک لمحہ بھی نہیں رہ سکتا۔ اپنی پوری چال شراب ، جوئے ، منشیات اور طوائفوں کے اڈے چلانے والوں کو کرائے پر دی ہے اور اس جگہ مجھ سے شریف آدمی کو بھی دھوکے سے کرائے پر رکھا۔ تمہیں ایسا ذلیل کام کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ میرے بجائے کسی شراب ، جوئے ، منشیات اور جسم فروشی کا دھندہ کرنے والے کو کرائے پر دے دیتے۔ "
" ارے بھائی ! ان لوگوں کو میں نے کمرے کرائے سے کہاں دئے ہیں۔ میں نے وہاں چال بنائی تھی اور اس لالچ میں کمرے نہیں دئے تھے کہ مجھے زیادہ ڈپازٹ اور کرایہ ملے گا۔ وہ غنڈے بدمعاش لوگ تالہ توڑ کر ان کمروں میں گھس آئے ہیں اور اپنے کالے دھندے کرنے لگے۔ میں نے صرف ایک شریف آدمی کو ایک کمرہ کرائے سے دیا تھا جو کچھ دنوں قبل وہاں کے ماحول سے ڈر کر بھاگ گیا۔ اس کمرے پر بھی غنڈے قبضہ نہ کر لیں اس لئے میں نے وہ کمرہ تمہیں کرائے پر دے دیا۔ اب تم اسے خالی کرنے کی بات کرتے ہو۔ ارے بابا جاؤ وہ کمرہ میں نے تمہیں دے دیا۔ ہمیشہ کے لئے دے دیا۔ مجھے کرایہ بھی مت دو۔ تم وہ کمرہ چھوڑ دو گے اور میں تمہیں ڈپازٹ واپس کر دوں گا تو اس کمرے پر کوئی بھی غنڈہ قبضہ کر لے گا۔ مگن بھائی کی بات سن کر اس کا غصہ ٹھنڈا ہوا۔ اسے لگا مگن بھائی تو اس سے زیادہ مظلوم ہے۔ " مگن بھائی ! غنڈوں نے تمہاری پوری چال پر قبضہ کر لیا اور تم نے پولس میں شکایت بھی نہیں کی ؟ "
" شکایت کر کے کیا مجھے اپنی زندگی گنوانی ہے۔ وہ سب غنڈے لوگ ہیں ان کے منہ کون لگے گا۔ پولس ان کا کچھ نہیں بگاڑے گی۔ پولس ان سے ملی ہوئی ہے۔ شکایت پر تھوڑی دیر کے لئے ان کو اندر کرے گی وہ پھر آزاد ہو کر میری جان کے دشمن بن جائیں گے۔ اس لئے میں نے یہ سوچ لیا کہ وہ میری چال ہے ہی نہیں۔ یہ سمجھ لیا کہ مجھے بزنس میں گھاٹا ہو گیا۔ دیکھو اگر تم وہاں رہنا نہیں چاہتے تو کسی سے بھی اپنی ڈپازٹ کی رقم ڈپازٹ کے طور پر لے کر وہ کمرہ اسے دے دو۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ میں اسے بھی بنا کرائے کا قرار نامہ بنا کر دے دوں گا۔ " مگن بھائی کی باتیں سن کر وہ چپ چاپ واپس آگیا۔
اس رات اسے رات بھر نیند نہیں آئی۔ اس کے سامنے ایک ہی سوال تھا۔ وہ وہاں رہے یا چلا جائے ؟ فی الحال تو ایسی صورتِ حال تھی۔ وہ اس جگہ سے کہیں جا نہیں سکتا تھا۔ وہاں رہنا ایک عذاب تھا۔ لیکن وہ اتنا بھی بزدل ڈرپوک نہیں تھا کہ اس عذاب سے ڈر کر فرار کی راہ اختیار کر لے۔ ہر طرح کی صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لئے اس نے خود کو تیار کر لیا تھا۔ اسے صرف رات میں ہی تو ان ذہنی کربوں کو جھیلنا پڑتا تھا۔ دن میں تو وہ آفس میں رہتا تھا۔ دن میں وہاں کیا ہوتا ہے یا جو کچھ ہوتا تھا ان سب باتوں کے سامنے وہ نہیں ہوتا تھا۔ لیکن رات گھر آنے پر دن میں جو کچھ ہوتا تھا وہ ساری کہانی اسے معلوم پڑ جاتی تھی۔
دو شرابیوں نے اوشا کو چھیڑا ، ایک غنڈے نے اشوک کی بیوی لکشمی کی عزت لوٹنے کی کوشش کی۔ غنڈوں میں جم کر مار پیٹ ہوئی تو کئی زخمی ہوئے اور پورا کمرہ تہس نہس ہو گیا۔ آج غنڈوں کے ٹکراؤ میں پستول چل پڑی ، گولی سے کوئی غنڈہ تو زخمی نہیں ہوا لیکن سامنے رہنے والے لکشمن کے دس سالہ لڑکے کو گولی لگ گئی اسے اسپتال لے جایا گیا اب اس کی حالت بہت نازک ہے۔
جو لوگ اسے یہ کہانیاں سناتے وہ ان پر برس پڑتا تھا۔ " کب تک تم لوگ یہ سب برداشت کرتے رہو گے۔ تم لوگ شریف ہو۔ یہ محلہ شریفوں کا ہے اور غنڈوں نے اس محلے پر قبضہ کر کے اسے شریفوں کے رہنے کے لائق نہیں رکھا۔ اگر تم چپ رہے اور چپ چاپ سب برداشت کرتے رہے تو تم لوگوں کے ساتھ بھی یہی ہو گا اور ہمیشہ ہوتا رہے گا۔ اگر اس سے نجات حاصل کرنی ہو تو اس کے خلاف احتجاج کرو۔ غنڈوں بدمعاشوں کے خلاف متحد ہو جاؤ اور جو کچھ یہاں ہو رہا ہے اس کے خلاف پولس میں شکایت کرو۔ تمہاری شکایت پر پولس کو کاروائی کرنی ہی پڑے گی اور یہ سب کچھ رک جائے گا۔ "
" معین بھائی ! ہم یہ نہیں کر سکتے۔ " اس کی باتیں سن کر وہ سہم گئے۔ " اگر ہم نے ایسا کیا تو ممکن ہے پولس کاروائی کرے۔ لیکن وہ زیادہ دنوں تک غنڈوں کو لاک اپ میں نہیں رکھ سکے گی۔ شکایت کرنے پر وہ لوگ ہمارے دشمن ہو جائیں گے۔ اور آزاد ہوتے ہی ہم سے بدلہ ضرور لیں گے۔ اس لئے ہم سوچتے ہیں ان غنڈوں سے کیا الجھا جائے۔ جو کچھ ہو رہا ہے چپ چاپ برداشت کرنے میں ہی عافیت ہے۔ "
" یہی تو آپ لوگوں کی کمزوری ہے۔ احتجاج کی ہمت اور جرأت نہیں ہے جس سے غنڈوں کی جرأت بڑھتی جاتی ہے۔ احتجاج نہیں کر سکتے ، سب کچھ غلط بات برداشت کر سکتے ہیں ؟ " وہ غصے سے بولا۔ " اگر میرے ساتھ ایک دن بھی ایسا کچھ ہوا تو میں بالکل برداشت نہیں کروں گا۔ جو میرے ساتھ ایسی ویسی حرکت کرے گا ، اسے مزہ چکھا دوں گا۔ " دوسرے دن وہ شام کو آفس سے آیا تو اسے چار پانچ آدمیوں نے گھیر لیا۔ ان کی صورت و شکل ہی ظاہر کر رہی تھی کہ وہ غنڈے ہیں۔
" اے بابو ! کیوں بہت لیڈر بننے کی کوشش کر رہا ہے ؟ ہم لوگوں کے خلاف بستی والوں کو بھڑکا رہا ہے۔ تُو نیا نیا ہے اس لئے تجھے ہماری طاقت کا اندازہ نہیں ہے۔ یہ لوگ پرانے ہیں اس لئے ان لوگوں کو ہماری طاقت معلوم ہے۔ اس لئے یہ کبھی ہم سے نہیں الجھیں گے۔ اگر یہاں رہنا ہے تو خیریت اسی میں ہے کہ تم بھی پرانے بن جاؤ۔ ہماری طاقت جان جاؤ اور ہم سے مت الجھو۔ جیسا چل رہا ہے چلنے دو ، جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہونے دو۔ " ایک غنڈہ اسے گھورتا ہوا بولا۔
" دادا ! یہ باتوں سے نہیں مانے گا۔ ایک دو ہڈی پسلی ٹوٹے گی تو ساری لیڈری بھول جائے گا۔ اسے ابھی مزہ چکھاتا ہوں۔ " ایک غنڈے نے یہ کہتے ہوئے اپنی ہاکی اسٹک ہوا میں لہرائی۔
" نہیں ! آج کے لئے اتنی وارننگ کافی ہے۔ " اس غنڈے نے ہاکی والے کو روک دیا۔ " اس کے بعد اس نے ہوشیاری کی تو میری طرف سے اس کی اور دو چار ہڈیاں توڑ دینا۔ " یہ کہتا ہوا وہ سب کو لے کر چل دیا۔
وہ سناٹے میں آگیا۔ اس کا سارا جسم پسینے میں شرابور ہو گیا۔ اسے ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے کئی ہاکی اسٹک اس کے جسم سے ٹکرائی ہیں۔ اور اس کا جسم درد کا پھوڑا بنا ہوا ہے۔ اسے رات بھر نیند نہیں آئی۔ آنکھوں کے سامنے غنڈوں کے چہرے گھومتے اور کانوں میں ان کی وارننگ گونجتی رہی۔ اگر آج وہ غنڈے ہاتھ اٹھا دیتے تو ، وہ کس طرح ان سے اپنا بچاؤ کر پاتا ؟
اس کے ذہن میں ایک ہی بات چکرا رہی تھی۔ جو آج ٹل گیا ہے وہ کل بھی ہو سکتا ہے۔ اس سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے۔ چپ چاپ آنکھیں بند کر کے وہ یہاں رہے اور جو کچھ ہو رہا ہے اس سے لا تعلق بن جائے تو اسے کبھی کوئی خطرہ نہیں ہو گا۔ لیکن وہاں رہنا بھی کسی جہنم میں رہنے سے کم نہیں تھا۔
آئے دن غنڈوں کے جھگڑے ، فساد ، شرابی ، نشہ باز ، جواری اور بدکار لوگوں کا بے دھڑک گھر میں گھس آنا یا بدتمیزی سے دروازہ پیٹنا ، پولس کے ریڈ الرٹ ، ریٹ میں غنڈے بدمعاشوں کا تو نکل بھاگنا اور شریفوں کا پکڑا جانا۔ بات بات پر چاقو چھریوں کا چلنا ، آس پاس رہنے والوں کی بیویوں ، ماؤں ، بہنوں سے غنڈوں اور وہاں آنے والوں کی بدتمیزیاں۔
وہ سوچنے لگا کہ کسی کو یہ کمرہ ڈپازٹ پر دے کر اس سے اپنی رقم لے کر اس جہنم سے نکل جائے۔ لیکن پھر سوچتا کہ وہ اکیلا اس جہنم میں رہ سکتا ہے لیکن کوئی شریف بال بچے اور فیملی والے شخص کو اس جہنم میں ڈالنا کیا مناسب ہو گا ؟ اس کا ضمیر اس بات کے لئے راضی نہیں ہو پاتا تھا اور اسے اس جہنم میں رہنے کے لئے خود سے سمجھوتہ کرنا پڑا۔

٭٭٭
ان پیج سے تبدیلی اور تدوین: اعجاز عبید
پروف ریڈنگ اور ای بک: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

ٹوٹی چھت کا مکان