ٹوٹے ہوئے لفظوں میں
فاخرہ بتول
غزلیں۔۔ انتخاب "محبت کی نہیں تم نے" اور "گلاب خوشبو بنا گیا" سے
سوچا ہوتا خواب دکھانے سے پہلے اور کسی کو اپنا بنانے سے پہلے
کچھ پل اس کو نیند میں غور سے دیکھو تو دھیرے دھیرے اس کو جگانے سے پہلے
سوچ لو، اس میں کوئی قیمتی شے ہی نہ ہو دل کے شہر کو آگ دکھانے سے پہلے
دیکھا، تو سب تن من راکھ کا ڈھیر ہوا اپنے دونوں ہاتھ بچانے سے پہلے
سوچا، رب سے اس کو مانگ کے دیکھوں تو سر سجدے سے آج اٹھانے سے پہلے
اب پچھتانے سے بھی حاصل کیا ہوگا سوچا ہوتا آنکھ ملانے سے پہلے
آؤ آخری بار کریں ہم یاد اسے سچ مُچ اس کو آج بھلانے سے پہلے ٭٭٭
شب کے کچھ خواب اجالوں میں بھلے لگتے ہیں
دل کے کچھ روگ خیالوں میں بھلے لگتے ہیں
تم نے پھولوں سے بھی اب چھین لیا ان کا مقام
خاک پر یہ نہیں، بالوں میں بھلے لگتے ہیں
جلد بازی میں کہیں توڑ نہ دینا ناتے
یہ دنوں میں نہیں، سالوں میں بھلے لگتے ہیں
مری بھنورہ سی ان آنکھوں میں بھنور مت ڈھونڈو
یہ بُرے آنکھوں میں، گالوں میں بھلے لگتے ہیں
تم کو یہ ضد کہ کوئی تم کو نہ صیاد کہے
جبکہ پنچھی تمھیں جالوں میں بھلے لگتے ہیں
آپ کی باتوں کو سُن کر تو ہنسی آئی جناب!
ایسے قصے تو مثالوں میں بھلے لگتے ہیں
٭٭٭
محبت ذات کے اندر کوئی گُم ذات ہوتی ہے
محبت کے تعاقب میں ہمیشہ گھات ہوتی ہے
محبت میں خوشی سے موت کو ہم اوڑھ لیتے ہیں
ذرا سوچو کہ اس میں کوئی ایسی بات ہوتی ہے
محبت شہد میں لپٹا ہوا اک زہر ہے لیکن
محبت جیت ہوتی ہے، محبت مات ہوتی ہے
محبت خود زمانہ ہو کے بھی ہے موسموں جیسی
کبھی یہ صبح ہوتی ہے کبھی یہ رات ہوتی ہے
محبت ایسی خوشبو ہے، کبھی اک جا نہیں رہتی
کسی سے دور ہوتی ہے کسی کے سات ہوتی ہے
محبت ہے سرابوں سے، کہ جیسے ریت مُٹھی ہیں
کسی سے ہات کرتی ہے کسی کے ہات ہوتی ہے
محبت جس کو حاصل ہو، مقدر کا سکندر وہ
محبت رب کی جانب سے حسیں سوغات ہوتی ہے
٭٭٭
اُس کا خیال ذہن پہ چھایا، چلا گیا بادل سا کوئی آنکھ میں آیا، چلا گیا
اے رات تو نے اپنا بھروسہ گنوا دیا؟
تُو نے جو خواب آنکھ میں لایا، چلا گیا
ہونٹوں پہ اس تضاد نے پہرے بٹھا دیئے ہم نے تو جس کسی کو بلایا، چلا گیا
اچھا ہی تھا کہ دھوپ میں جلتے کسی کے سنگ
چھاؤں میں آ کے بیٹھے تو سایہ چلا گیا
اُس شہرِ خامشی کا بھی اپنا مزاج تھا
جس نے بھی اس کو آ کے بسایا چلا گیا
جھونکا ہوا کا دل کو مرے چھو گیا بتول
اور اس نے ایک راز چُرایا، چلا گیا
٭٭٭
بُت کدے جا کے کسی بت کو بھی سجدہ کرتے
ہم کہاں سوچ بھی سکتے تھے کے ایسا کرتے
عمر بھر کچھ بھی تو اپنے لیے ہم نے کیا!
آج فرصت جو ملی ہم کو تو سوچا، کرتے
ہم تو اس کھیل کا حصہ تھے ازل سے شاید
سو تماشہ جو نہ بنتے تو تماشہ کرتے
دل کو تسکین ہی مل جاتی ذرا سی اس سے
نہ نبھاتے چلو تم کوئی تو وعدہ کرتے
جوڑنے میں تو یہ پوریں بھی لہو کر ڈالیں
کرچیوں کو جو نہ چھوتے تو یہ اچھا کرتے
بھول جانے کا ارادہ بھی ارادہ ہی رہا
جان پر بن ہی تو جاتی جو ہم ایسا کرتے
اس اماوس نے کیے قتل کئی چاند بتول
ہم اُجالے کی کہاں اِس سے تمنا کرتے
٭٭٭
ٹوٹے ہوئے لفظوں میں روانی نہیں ملتی
لمحوں میں تو صدیوں کی کہانی نہیں ملتی
دل جل گیا اب اس میں دھواں تک نہیں اُٹھتا
اِس راکھ پہ تصویر پرانی نہیں ملتی
اظہار پہ تالے ہیں تو تالے ہی سمجھنا ہر لکھی ہوئی بات زبانی نہیں ملتی
جو مانگو مقدر سے، ہمیں وہ نہیں ملتا
اس دور میں راجہ کو بھی رانی نہیں ملتی
باقی نہیں خاروں میں بھی پہلی سی چبھن اب
اور پھولوں پہ پہلی سی جوانی نہیں ملتی
سوچا تھا کسی شام سہانی کو ملیں گے
اور شام ہمیں کوئی سہانی نہیں ملتی
٭٭٭
مانگے کے چراغوں سے اُجالا نہیں کرتے
پلکوں سے گِرے اشک سنبھالا نہیں کرتے
تاخیر ہوئی ہے تو کوئی وجہ بھی ہوگی
یوں دل میں کوئی واہمے پالا نہیں کرتے
پھر بعد میں رونا پڑے جس کے لیے، اُس کو
یوں خواب جھروکوں سے نکالا نہیں کرتے
جس شخص کے ہونٹوں سے ہنسی چھین لی تم نے
کیوں آ کے تم اب اس کو ازالہ نہیں کرتے
پھر اس کے جنازے کو اٹھانا بھی پڑے گا
عزت سرِ بازار اچھالا نہیں کرتے
٭٭٭
بھڑکے ہوئے شعلوں کو ہوائیں نہیں دیتے
جاتے ہوئے لمحوں کو صدائیں نہیں دیتے
مانا یہی فطرت ہے مگر اس کو بدل دو بدلے میں وفاؤں کے جفائیں نہیں دیتے
گر پھول نہیں دیتے تو کاٹتے بھی تو مت دو
مُسکان نہ دینی ہو تو آہیں نہیں دیتے
تم نے جو کیا، اچھا کیا، ہاں یہ گلا ہے
منزل نہ ہو جس کی تو وہ راہیں نہیں دیتے
یہ بار کہیں خود ہی اُٹھانا نہ پڑے کل
اوروں کو بچھڑنے کی دعائیں نہیں دیتے
٭٭٭
وصل کا خواب دکھائے گا ٹھہر جائے گا
موسمِ ہجر اب آئے گا، ٹھہر جائے گا
باتوں باتوں میں کوئی نام اچانک آ کر
دل میں ہلچل سی مچائے گا، ٹھہر جائے گا
شہرِ انجان میں جانا ہے اگر، یاد رہے
کو بھی اُس سمت کو جائے گا، ٹھہر جائے گا
یہی ہونا ہے بہر طور، سبھی جانتے ہیں
آسماں دھرتی پہ آئے گا، ٹھہر جائے گا
عشق اک درد کی دولت کے سوا کچھ بھی نہیں
دل میں جب اس درد کو پائے گا، ٹھہر جائے گا
ہم نے جب چاند کو دیکھا تھا تو سوچا تھا بتول
کچّے آنگن کو سجائےگا، ٹھہر جائے گا
٭٭٭
جو خواب حویلی کا ہوا، پھر نہیں آیا
وہ قید ہوا یا کہ رہا، پھر نہیں آیا
اِس سوچ نگر میں اُتر آتا ہے اکثر
تھا چاند، ستارہ کہ دِیا، پھر نہیں آیا
ہم دونوں نے مل کر جو جیا، صدیوں سا لمحہ
جانے کیا لگا اس کو بُرا، پھر نہیں آیا
وہ شخص پُکارو تو چلا آتا ہے اکثر کس شہر کی جانب وہ گیا، پھر نہیں آیا
اِک لمحہ جو گُم ہو گیا دونوں سے اچانک
دونوں نے بہت یاد کیا، پھر نہیں آیا
٭٭٭
خوشبو کے ہاتھ پھول کا پیغام رہ گیا یہ دل کا سلسلہ بھی سرِعام رہ گیا
کہتے ہیں جس نے چاند کو دیکھا تھا پہلی بار
وہ شخص اپنے دل کو تو بس تھام رہ گیا
آنکھوں کو موند لینا تھا ہم کو بھی اُس گھڑی
جب اُس کا گھر سنا ہے کہ دو گام رہ گیا
اے شب! نوید دینی تھی تجھ کو سحر کی اور
کیوں تیرے ہاتھ سے بھی یہی کام رہ گیا
جب وصل کو مٹا دیا تو نے ہوا تو پھر کیوں ریت پر فراق کا یہ نام رہ گیا
یوں زندگی کا کام ادھُورا رہا بتول
کچھ صبح رہ گیا تو کچھ شام رہ گیا
٭٭٭
وصل کے روگ بُرے ہوتے ہیں
ہجر کے سوگ برے ہوتے ہیں
ہار میں دل کا ہاتھ ہے کچھ کچھ اور کچھ لوگ برے ہوتے ہیں
صحراؤں میں کھو جاؤ گے!
عشق کے جوگ بُرے ہوتے ہیں
بستی بس کر مِٹ جائے گی دل کے روگ بُرے ہوتے ہیں
سُکھ کے بدلے دُکھ دیتے ہیں کچھ سنجوگ بُرے ہوتے ہیں ٭٭٭
شب کے کچھ خواب اجالوں میں بھلے لگتے ہیں
دل کے کچھ روگ خیالوں میں بھلے لگتے ہیں
تم نے پھولوں سے بھی اب چھین لیا ان کا مقام
خاک پر یہ نہیں، بالوں میں بھلے لگتے ہیں
جلد بازی میں کہیں توڑ نہ دینا ناتے
یہ دنوں میں نہیں، سالوں میں بھلے لگتے ہیں
مری بھنورہ سی ان آنکھوں میں بھنور مت ڈھونڈو
یہ بُرے آنکھوں میں، گالوں میں بھلے لگتے ہیں
تم کو یہ ضد کہ کوئی تم کو نہ صیاد کہے
جبکہ پنچھی تمھیں جالوں میں بھلے لگتے ہیں
آپ کی باتوں کو سُن کر تو ہنسی آئی جناب!
ایسے قصے تو مثالوں میں بھلے لگتے ہیں
٭٭٭
آنچل کو گھونگٹ کر جانا اب کی بار جو آؤ تم
مانگ میں خود سیندور لگانا اب کی بار جو آؤ تم
کان کا بالا چھیڑ رہا ہے گال کو ہولے ہولے سے
اس کو محبت سے سجانا اب کی بار جو آؤ تم
دیکھ کے اپنی سونی کلائی، مَن میں ہوک سی اُٹھتی ہے
چوڑیاں اور کنگن پہنانا اب کی بار جو آؤ تم
نٹ کھٹ سکھیاں چھیڑتی ہیں کہ ساجن تم کو بھول گیا
دیکھو اُن کو خوب ستانا اب کی بار جو آؤ تم
کاگا چھت پر روز سے بولے، آنگن پھر بھی سُونا ہے
دیکھو اب واپس مت جانا اب کی بار جو آؤ تم
لٹ اُلجھی نے ماتھے کی بندیا کو بھی الجھا ڈالا
جُلمی، اس کو بھی سُلجھانا، اب کی بار جو آؤ تم
٭٭٭
پیار کے کھیل میں جیون اپنا ہار گئی تو پھر کیا ہوگا
ہجر کی اگنی تجھ کو جلا کر مار گئی تو پھر کیا ہوگا
بھیتر میں تُو ہُوک دبائے پھرتی رہتی ہے پل پل
دیکھ جگر کی کوک ستاروں پار گئی تو پھر کیا ہوگا
جوگی کا یوں گاؤں آنا ٹھیک نہیں ہے سوچ لے تو
اُس کے پیچھے پیچھے بھولی نار گئی تو پھر کیا ہوگا
دل کے ہاتھ سے دھڑکن جائے اور کبھی واپس نہ آئے
روک لے ورنہ دھڑکن اب کی بار گئی تو پھر کیا ہوگا
کہتے ہیں جو پریت کے دیس گیا وہ پتھر بن جاتا ہے
سوچ سکھی، جو تُو بھی اسی سنسار گئی تو پھر کیا ہوگا
پیار کے کھیل میں جیون اپنا ہار گئی تو پھر کیا ہوگا
ہجر کی اگنی تجھ کو جلا کر مار گئی تو پھر کیا ہوگا
بھیتر میں تُو ہُوک دبائے پھرتی رہتی ہے پل پل
دیکھ جگر کی کوک ستاروں پار گئی تو پھر کیا ہوگا
جوگی کا یوں گاؤں آنا ٹھیک نہیں ہے سوچ لے تو
اُس کے پیچھے پیچھے بھولی نار گئی تو پھر کیا ہوگا
دل کے ہاتھ سے دھڑکن جائے اور کبھی واپس نہ آئے
روک لے ورنہ دھڑکن اب کی بار گئی تو پھر کیا ہوگا
کہتے ہیں جو پریت کے دیس گیا وہ پتھر بن جاتا ہے
سوچ سکھی، جو تُو بھی اسی سنسار گئی تو پھر کیا ہوگا
٭٭٭
خاک میں گزرا ہوا کل نہیں ڈھونڈا کرتے
وہ جو پلکوں سے گرا پل نہیں ڈھونڈا کرتے
پہلے کچھ رنگ لبوں کو بھی دیئے جاتے ہیں
یونہی آنکھوں میں تو کاجل نہیں ڈھونڈا کرتے
بیخودی چال میں شامل بھی تو کر لو پہلے
یوں تھکے پیروں میں پائل نہیں ڈھونڈا کرتے
جس نے کرنا ہو سوال، آپ چلا آتا ہے
لوگ جا جا کے تو سائل نہیں ڈھونڈا کرتے
یہ ہیں خاموش اگر، اس کو غنیمت جانو
یونہی جذبات میں ہلچل نہیں ڈھونڈا کرتے
پیچھے کھائی ہے تو آگے ہیں سمندر گہرا
مسئلہ ایسا ہو تو پھر حل نہیں ڈھونڈا کرتے
اِن کھلی آنکھوں سے خوابوں کو تلاشو نا بتول
پلکیں ہو جائیں جو بوجھل نہیں ڈھونڈا کرتے
٭٭٭
اکثر ایسا ہو جاتا ہے دھوپ کو سایہ ڈھو جاتا ہے
آنکھ میں آنسو کی فصلوں کو کون ہے آ کر بو جاتا ہے
آس کا پنچھی اُڑتے اُڑتے دور اُفق میں کھو جاتا ہے
کھویا لمحہ، آ کے گلے سے ملتا ہے اور رو جاتا ہے
دھرتی روند کے چلنے والا ماٹی اندر سو جاتا ہے ٭٭٭
وہ دل میں مرے گھات لگا کر ہی رہے گا
جذبات میں ہلچل سی مچا کر ہی رہے گا
ہر بات میں تکرار کی عادت کے سبب وہ
رشتے میں کوئی چھید بنا کر ہی رہے گا
کہتا ہے، مجھے چاند کو چھونے کی ہے خواہش
اک روز زمیں پر اسے لا کر ہی رہے گا
کچا ہے گھروندا مرا، بادل بھی ہے ضد میں
لگتا ہے کوئی کام دکھا کر ہی رہے گا
گرتی ہے تو سو بار گرے، اُس کی بلا سے وہ ریت کی دیوار بنا کر ہی رہے گا
شک روگ ہے یہ دل کو اگر چھو لے تو سمجھو
بُنیاد وہ اس گھر کی ہلا کر ہی رہے گا
٭٭٭
ہجوم میں مجھ کو تو نے کھڑا کیا بھی تو کیا
عدو کا کام ترے ہاتھ سے ہوا بھی تو کیا
میں جی رہی ہوں تو یہ کم ہے،غور کرنا کبھی
یہ آسماں مرے سر پہ آ پڑا بھی تو کیا
بہت سے لوگوں نے سینے پہ ہاتھ رکھے ہیں
یہ تیر آج میرے دل میں چبھ گیا بھی تو کیا
گُلاب خاک پہ رکھا تو خار مُٹھی ہیں
ستم شعار! تجھے یہ ہنر ملا بھی تو کیا
وہاں پہ جا کے بھی جب نامراد ہونا ہے
یہ راستہ تیری چوکھٹ پہ لے گیا بھی تو کیا
خوشی ہوئی ہے یہ سن کر مگر بتا تو صحیح
تو ہو گیا جو مرے بعد با وفا بھی تو کیا
نہ دل بچا ہے نہ خواہش، ملے ہو اب جا کے
اب اِس مقام پہ مجھ کو ملے خدا بھی تو کیا
ستارے مل کے بھی یہ تیرگی مٹا نہ سکے
ہے میرے ہاتھ میں مٹی کا دِیا بھی تو کیا
اسے تو قید کی عادت سی ہو گئی تھی بتول
یہ دل ہوا تری یادوں سے اَب رہا بھی تو کیا
٭٭٭
ادھ کھلی آنکھوں میں کچھ خواب جگائے اس نے
خود ہی تعبیر کے امکان مٹائے اس نے
جس کے ہاتھوں نے کماں کو کبھی تھاما ہی نہ تھا
تیر اَن دیکھے مرے دل پہ چلائے اس نے
میرے مٹی کے گھروندے کو گِرا کر پل میں
خود ہواؤں میں کئی محل بنائے اس نے
وہ دیالو ہے مگر اتنا دیالو بھی نہیں
روشنی چھین کے کچھ دے دئیے سائے اس نے
کہکشاں ساری کی ساری ہی چھپا کر گھر میں
کچھ ستارے میری پلکوں پہ سجائے اُس نے
٭٭٭
زندگی خوابِ پریشاں سے زیادہ تو نہیں
اس میں تعبیر بھی مل جائے یہ وعدہ تو نہیں
بات نے بات اُلجھنے کی یہ خُو کیسی ہے؟
یہ بتا تیرا بچھڑنے کا ارادہ تو نہیں
کون خوشبو کے تعقب میں گیا دور تلک
لوگ سادہ ہیں مگر اتنے بھی سادہ تو نہیں
آپ جائیں گے تو ہم حد سے گزر جائیں گے
شہسوار آپ سہی، ہم بھی پیادہ تو نہیں
کس خوشی میں بھیجا ہے بتا سُرخ گلاب؟
ظلم کا یہ تیری جانب سے ارادہ تو نہیں
بےوفا ہم ہی سہی، خود پہ بھی کچھ غور کرو
بے رُخی آپ کی بھی حد سے زیادہ تو نہیں
٭٭٭
گھاؤ گہرا بھر جانا تھا
درد کو آخر مر جانا تھا
کون پلٹ کر کس کو دیکھے سب کو اپنے گھر جانا تھا
اندھیاروں کے اس باسی کو سُورج دیکھ کے ڈر جانا تھا
اشکوں کی سوغات ہے آخر دامن اپنا بھر جانا تھا
ایک صلیب کھُبی ہے من میں اب کی بار تو سر جانا تھا
وصل، کلّی کا صرف تبسّم ہجر کو دائم کر جانا تھا
جانے والے نے تو ہم پر
ہر الزام کو دھر جانا تھا
٭٭٭
سہمے طیّور جو اندر سے ڈرے ہوئے ہیں
قبل آندھی کے ہی لگتا ہے مرے ہوئے ہیں
اِن میں اَن اُترا کوئی چھم سے تو حیرت سی ہوئی
بند آنکھوں سے ستارے بھی پرے ہوئے ہیں
٭٭٭
’گلاب خوشبو بنا گیا‘ اور ’محبت کی نہیں تم نے‘ مجموعوں کا انتخاب
ٹائپنگ، عمر سیف، ساغر، اور مختلف فورموں کے دوسرے ارکان
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
ٹوٹے ہوئے لفظوں میں
فاخرہ بتول
دوغزلیں
ہجوم میں مجھے تو نے کھڑا کیا بھی تو کیا
عدو کا کام ترے ہاتھ سے ہوا بھی تو کیا
میں جی رہی ہوں تو یہ کم ہے،غور کرنا کبھی
یہ آسماں مرے سر پہ آ پڑا بھی تو کیا
بہت سے لوگوں نے سینے پہ ہاتھ رکھے ہیں
یہ تیر آج میرے دل میں چبھ گیا بھی تو کیا
گُلاب خاک پہ رکھا تو خار مُٹھی میں
ستم شعار! تجھے یہ ہنر ملا بھی تو کیا
وہاں پہ جا کے بھی جب نامراد ہونا ہے
یہ راستہ تیری چوکھٹ پہ لے گیا بھی تو کیا
خوشی ہوئی ہے یہ سن کر مگر بتا تو سہی
تو ہو گیا جو مرے بعد با وفا بھی تو کیا
نہ دل بچا ہے نہ خواہش، ملے ہو اب جا کے
اب اِس مقام پہ مجھ کو ملے خدا بھی تو کیا
ستارے مل کے بھی یہ تیرگی مٹا نہ سکے
ہے میرے ہاتھ میں مٹی کا دِیا بھی تو کیا
اسے تو قید کی عادت سی ہو گئی تھی بتول
یہ دل ہوا تری یادوں سے اَب رہا بھی تو کیا
٭٭٭
خاک میں گزرا ہوا کل نہیں ڈھونڈا کرتے
وہ جو پلکوں سے گرا پل نہیں ڈھونڈا کرتے
پہلے کچھ رنگ لبوں کو بھی دیئے جاتے ہیں
یونہی آنکھوں میں تو کاجل نہیں ڈھونڈا کرتے
بیخودی چال میں شامل بھی تو کر لو پہلے
یوں تھکے پیروں میں پائل نہیں ڈھونڈا کرتے
جس نے کرنا ہو سوال، آپ چلا آتا ہے
لوگ جا جا کے تو سائل نہیں ڈھونڈا کرتے
یہ ہیں خاموش اگر، اس کو غنیمت جانو
یونہی جذبات میں ہلچل نہیں ڈھونڈا کرتے
پیچھے کھائی ہے تو آگے ہیں سمندر گہرا
مسئلہ ایسا ہو تو پھر حل نہیں ڈھونڈا کرتے
اِن کھلی آنکھوں سے خوابوں کو تلاشو نا بتول
پلکیں ہو جائیں جو بوجھل نہیں ڈھونڈا کرتے
٭٭٭٭٭٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)