اردو شاعری و کلام

جذبات کے دھاگے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (4,971 الفاظ)

جذبات کے دھاگے

ابرار عمر

TRUTH

محبت نام ہے
Dependence کا
Addiction کا
Possessiveness کا
محبت کرنے والے تو Parasitesہوتے ہیں
تم ان میں سے
کسی بھی Entityپر پورا نہیں اُتری
اس لیے
تمہیں مجھ سے محبت نہیں ہے
٭٭٭

ہم آپ سے باہر نہیں ہیں

'تمہارے بدن کے درخت نے
بہار اوڑھی ہوئی ہے
اس لیے تم خوشبوؤں جیسی باتیں کر تی ہو
محبت کے تمام راستے
Wastelandتک جاتے ہیں
جب ویران صدائیں
تمہیں اپنی طرف بلائیں گی
تو تمہیں معلوم ہو جائے گا
کہ موسم کی چپ غم زدہ جھیلوں میں
کوئی کنول نہیں کھلنے دیتی
خواب کے پنچھی کو نیند کا شجر نہیں ملتا
چاند آسمان پہ نہیں ملتا
اُسے الماریوں میں ڈھونڈنا پڑتا ہے
ہواؤں پر بھروسہ کر لیا جائے
تو وہ آندھیوں کو خبر کر دیتی ہیں
سیاہ رات میں یہ Obsession
کہ چاندنی سیاہی کو چوس لے گی
محبت کرنے والوں کو موت زدہ کر دیتا ہے
میں مشکلوں میں پلا ہوں
اور تم تتلیوں میں
اس سے پہلے کہ
واپسی تم سے نئی زندگی کا مطالبہ کرے
تم لوٹ جاؤ''
میری باتیں سن کر وہ مسکرائی
اور بولی
''ہم آپ سے باہر نہیں ہیں
٭٭٭

مشکل کا مسافر

بارش میں اور وہ بارش میں اور تم

ایک منظر کی خوبصورتی عذاب بن چکی ہے
اور میں اس میں قید ہو چکا ہوں
دوسرے منظر کی خوبصورتی عذاب بن جائے گی
اور میں اس میں قید ہو جاؤں گا
٭٭٭

میں ڈھونڈتا ہوں

میں کچھ ڈھونڈتا ہوں
جھوٹ کے پیچھے سچ کے آگے
بینائی کے سمندر میں اس تصویر کے پیچھے
جس کے آگے کا منظر دھُندلا سا ہے
شہر آئینہ میں
خود اپنی آنکھوں میں
سوئی ہوئی روشنی کو
میں ڈھونڈتا ہوں
دن کے بچھڑے ہوؤں کو
جو رات کو بھی ملنے نہیں آتے
میں ڈھونڈتا ہوں
پرانی مسافتوں کو جو طے نہ ہو سکیں
نئی منزلوں کو جن کا تعین میں نہ کرسکا
میں ڈھونڈتا ہوں
ننگے جذبوں کے لیے پیرہن
اپنے عادل کے لیے چابک
چاندنی رات میں ان پھولوں کو
جو کچھ لوگوں کے ساتھ ہی چلے گئے
٭٭٭

SMOKE

کچھ خواب سمندر پار گئے
کچھ جذبے جیت کے ہار گئے
کچھ رستے منزل کھانے لگے
کچھ پھول نظر برسانے لگے
کچھ صحرا بارش کو ترسے
کچھ جنگل نوحے گانے لگے
ہم ہجر کے گھائل لوگوں کو
تقدیر پہ مائل لوگوں کو
تصویر خیال سے کیا لینا

IMMIGRANTعورت کا المیہ

ایک
میں نے
پندرہ سال پہلے
پانچ کنال زمین خریدی تھی
کہ پاکستان سے
میری اولاد کا رشتہ جُڑا رہے
پلازوں کوٹھیوں اور ہوٹلوں کے ہجوم میں
میری زمین
پٹواری، گرد اور، کمشنر، پولیس
کسی کو بھی نہیں مل سکی
٭٭٭

وہ کہتی ہے

اماں کہتی ہیں
لوگوں سے کم ملنا چاہئے
اماں صحیح کہتی ہیں
میں نے اماں کی باتوں سے ہٹ کر
کام کر کے دیکھے ہیں
اماں ٹھیک کہتی ہیں
٭٭٭

گزرے ہوئے وقت کی ایک کترن

جسے آنے والا وقت اُڑاتا پھرے گا
محبت تمہاری Constitutionمیں تھی ہی نہیں
یا پھر
تمہیں مجھ سے محبت نہیں تھی
تم کسی اور سے...........

محبت جذبوں کی ایسی Investmentہے
جسے Withdrawنہیں کیا جا سکتا
تم نے یہ Investmentتو نہ کی
مگر محبت کا نام استعمال کیا
تبھی تو چھوڑتے وقت
تم نے مجھے Letdownکرنے کے لیے
فاتحانہ لہجے میں کہا تھا
''تم نے خود کو مجھ پر Investکر دیا ہے نا
میں جیسے تمہارے پاس آئی تھی جا بھی رہی ہوں''
آج کنارِ وقت پر کھڑا
میں سوچتا ہوں
تمہارے آنے اور جانے کے درمیان
جوBloodshedہوئی
وہ میری ہوئی
تبھی تو مجھے سب کچھ سرخ سرخ نظر آتا ہے
میرے آنسو زمین پر بھی گر رہے ہیں
اور آسمان پر بھی
تمہارا جرم کائناتی ہے
٭٭٭

ABOUT TO RESIGN

سورج طلوع ہونے کے ساتھ ہی
میرے دُکھوں کا ایک طویل سلسلہ بھی
طلوع ہو جاتا ہے
جو سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی
غروب ہو جاتا ہے
اور پھر
موت کی بہن
مجھے اذیت دینے آ جاتی ہے
کبھی مجھے کہتی ہے
تم جنگ میں ہلاک ہو گئے ہو
کبھی کہتی ہے تم کو
پاگل کتے نے کاٹ لیا ہے
اور تم مر گئے ہو
کبھی کہتی ہے
تم گہرے پانیوں میں
ڈوب گئے ہو
٭٭٭

EXPERIENCE

تم دور تھی
تو میریPaintingsمیں
Red،Orangeاور Yellow
Dominantتھے
تم قریب ہو تو
میراLandscape
Middle Toneہوتا جا رہا ہے
تمہارے انتظار کے رنگ کتنے گہرے تھے
اور قربت کے رنگ کتنے پھیکے

٭ ٭ ٭

ALIEN

(For Shareh Umar)

کبھی وہ آسماں کو زمیں کا بھائی کہتا ہے
کبھی چاند کو گملے میں اُگانا چاہتا ہے
کبھی کہتا ہے بڑا ہو کر ستارے آسماں سے اُتار کر
آپ کے کوٹ پر ٹانک دوں گا
کہتا ہے
سارے چلتے پھرتے درخت لوگ کیوں نہیں بن جاتے
اور درخت چلنا کیوں نہیں شروع کر دیتے
وہ میری تخلیقی تحریک میں اضافہ کرتا رہتا ہے
میری نظموں اور غزلوں کا سوپ بنا کر
میرے گیتوں کے برگر بنا لیتا ہے
دھوپ اور اندھیرے کا کیک بنا کر
اپنی ماما کو Presentکرنا چاہتا ہے
٭٭٭

PAIN

(For My Father Who Died And........)

تھرمامیٹر سے لپٹا لہو
مجھے خطرات کے صحرا میں لے گیا
Ultra-Soundبدن کو کھاتے زہر کی تصویر تھا
Blood-Pictureکسی نہ رُکنے والے طوفان کا پیغام تھی
کبھی کبھی ایک شخص کی موت
پورے شہر کی موت ہوتی ہے
کئی صدیوں کی موت ہوتی ہے
کئی خوابوں
اور کئی نیندوں کی موت ہوتی ہے
٭٭٭

ہمیں اب کہیں دل لگانا نہیں ہے نیا کوئی بھی غم اٹھانا نہیں ہے

وہاں خوشبوئیں پاؤں دھرتی نہیں ہیں جہاں آپ کا آنا جانا نہیں ہے

ہمیں بھی وہاں سے صدا آ رہی ہے جہاں جا کے ہم کو بھی آنا نہیں ہے

ہمیں آندھیوں سے ڈراؤ نہ لوگو ہمارا کوئی آشیانہ نہیں ہے

ازل سے ابد تک کا ہے یہ فسانہ محبت کا کوئی زمانہ نہیں ہے ٭٭٭

موت کی آواز کو روکا بہت زندگی ہم نے تمہیں چاہا بہت

اُس کے آنسو رات گیلی کر گئے آسماں سے چاند بھی برسا بہت

تم سمندر کے سفر پر خوش رہو ہم کو اپنی پیاس کا صحرا بہت

بر سرِ آواز اُس کا اسم تھا ہم نے اُس کے جسم کو ڈھونڈا بہت

اُس میں کتنی صورتوں کے عکس تھے آئینہ ہم کو تھا جو پیارا بہت

اجنبی آنکھوں کے آنسو تھام کر میں کسی کی یاد میں رویا بہت ٭٭٭

آپ کے جو قریب ہو جائے وہ ہمارا حبیب ہو جائے

دھوپ بارش سے دوستی کر لے آج موسم عجیب ہو جائے

جو تمہاری ہواؤں کو چھو لے خوشبوؤں کا نقیب ہو جائے

دولت درد پاس ہو نہ اگر میرا فن بھی غریب ہو جائے

پھول زندہ رہے تو کیسے رہے شاخ جب خود صلیب ہو جائے

جس کا تُو نام لے عمر اُس کا شہر سارا رقیب ہو جائے ٭٭٭

محبت کی روایت جانتا ہوں میں وعدوں کی حقیقت جانتا ہوں

یہ چھت اب کچھ دنوں میں گر پڑے گی میں دیواروں کی حالت جانتا ہوں

محبت فاصلوں کی قید میں ہے دعائیں راستہ بھولی ہوئی ہیں

میں چپ کے جنگلوں میں کھو گیا ہوں صدائیں راستہ بھولی ہوئی ہیں

کوئی خوشبو کو کیوں زنجیر کرتا ہوائیں راستہ بھولی ہوئی ہیں

فضا میں آگ کی پرچھائیاں ہیں گھٹائیں راستہ بھولی ہوئی ہیں ٭٭٭

ریشمی خواب جلے وقت کے انگاروں پر ماتمِ ہجر ہوا عشق کے چوباروں پر

ایک شب کا تھا مگر حادثہ گہرا تھا بہت
لکھ گیا خوف مرے ذہن کی دیواروں پر

میرے فنکار کو اب کیسے زوال آئے گا
اُنگلیاں اُٹھتی ہیں اب میرے بھی فن پاروں پر

تیرے چہرے پہ چمکتے ہوئے سورج کا خیال
روشنی مل گیا پھر شعر کے رخساروں پر

اپنی آنکھوں سے محبت کا سمندر لکھ دو
جسم کی ناؤ پہ اور ہاتھوں کے پتواروں پر
٭٭٭

نظر کے پاس ستاروں کا کچھ نشان نہیں یہ آسمان بھی پہلا سا آسمان نہیں

ہوائیں گھونسلوں کو چوم چوم روتی ہیں
کہیں پرندہ نہیں اور کہیں اُڑان نہیں

اسے سنوارے ، بگاڑے یہ تیری مرضی ہے ترا جہان ہے یہ میرا تو جہان نہیں

پھر انتظار کی بانہوں میں جھولنا کیسا
جب اُس کے لوٹ کر آنے کا بھی گمان نہیں

میں جھک گیا ہوں نئی زندگی کے بوجھ تلے
تری نظر میں بھی پہلی سی اب اُٹھان نہیں
٭٭٭

بانٹتا ہے کون اتنے غم ہمارے شہر میں
ہو گئی ہر آنکھ اب تو نم ہمارے شہر میں

دیکھتے ہیں کون ہم کو راستہ دکھلائے گا
بن گئے ہیں اجنبی اب ہم ہمارے شہر میں

موت کے آسیب کا سایہ ہے اور یہ زندگی
ہر گلی ہر گھر میں ہے ماتم ہمارے شہر میں

ایک سے منظر ہیں سارے ایک سی آنکھیں عمر
ایک سا رہتا ہے اب موسم ہمارے شہر میں
٭٭٭

کون ہے دیوار کے پچھلی طرف کچھ تو ہے اُس پار کے پچھلی طرف

گاؤں کے جیسا ہی اک بازار ہے شہر کے بازار کے پچھلی طرف

اک شکاری غار کے اگلی طرف اک پرندہ غار کے پچھلی طرف

اک نئی تصویر کی تعمیر ہے قریۂ مسمار کے پچھلی طرف

وہ نئی تدبیر لے کر آئے گا مڑ گیا جو ہار کے پچھلی طرف ٭٭٭

سماعتوں میں ترا وہ کلام باقی ہے مہکتی رات کا رنگیں سلام باقی ہے

بہت سے نام سمے کی ہوا کا رزق بنے کتابِ زیست میں بس ایک نام باقی ہے

ہزاروں وصل کے قصوں کا مجھ سے قتل ہوا تمہارے ہجر کا قصہ تمام باقی ہے

صدی صدی کے حوالوں کو بھول بیٹھا ہوں تمہارے قرب کی وہ ایک شام باقی ہے

ابھی بھی وقت ہے تم فیصلہ بدل ڈالو تمہارے شہر میں میرا قیام باقی ہے

وہ جو بھی اہم تھے کردار میں نے لکھ ڈالے
مری کہانی کا اب اختتام باقی ہے
٭٭٭

بس آسمان پہ گھومیں گلاب کے پھول کبھی زمین پہ برسیں گلاب کے پھول

خزاں کا بے طرح موسم دعاؤں کے ہاتھ فلک سے چھین کے لائیں گلاب کے پھول

تمہارے جانے کے لمحات آخری رات شکستہ خواب کی چیخیں گلاب کے پھول

ہم اپنے ہاتھ کے دل سے خلوص کے ساتھ تمہارے ہاتھ پہ رکھیں گلاب کے پھول

تمہارے قرب کا موسم بہار کی شام ہماری روح میں مہکیں گلاب کے پھول

تمہارے جسم کی ڈھلوان چاندنی رات مری نگاہ کی گھاتیں گلاب کے پھول ٭٭٭

اپنے جذبات کے دھاگے میں پروئے رکھا
چاند کو رات کے دھاگے میں پروئے رکھا

میرے دل نے تری تحریر کا سجرا گجرا سوچ کے ہاتھ کے دھاگے میں پروئے رکھا

جیت کے وقت کا اک شوخ چمکتا موتی میں نے ہر مات کے دھاگے میں پروئے رکھا

وصل کی شام مرے نام کا آدھا حصہ اُس نے ہر بات کے دھاگے میں پروئے رکھا

زرد موسم تھے مگر ہم نے تری یاد کا پھول
اپنے دن رات کے دھاگے میں پروئے رکھا
٭٭٭

DANCE WITH SADNESS

میں ہوں یہاں تُو کہاں
ملتا نہیں ہے نشاں
سلگی ہوئی شام ہے
پھیلا ہوا ہے دھواں
جانے کہاں لے چلے
یہ درد کا کارواں
مٹتے نہیں فاصلے
بڑھتی رہی دوریاں

ہم سے ہوئی کیا خطا
اک خواب تھا جل گیا
وہ چاند تھی یا کرن
وہ پھول تھی یا گھٹا
منزل کہیں کھو گئی
مل نہ سکا راستہ
اک آس تھی مر گئی
پوری ہوئی نہ دُعا
٭٭٭

نئی تہذیب کے آگ اُگلتے پنجے دیکھ کر

جل جاتے ہیں
بینائی اور جسم یہ دونوں جل جاتے ہیں
جب دیوار کے پار کا منظر
اس جانب کو جھانکتا ہے تو
جل جاتے ہیں
خواب ، خیال ، سوال ہمارے
لمحے ، دن اور سال ہمارے
جل جاتے ہیں
صدیوں کی محنت سے حاصل اس تصویر کے سارے رنگ
بھی جل جاتے ہیں
جس پر ہم نے مان کیا تھا
جس کو جیون دان کیا تھا
٭٭٭

وہ میرے خواب جن کو تم نے

(1)
ابھی تاریکیوں نے روشنی،
محرومیوں نے زندگی سے بات کرنا تھی
مِرے وعدوں کی بنجر ٹہنیوں پر
تیری میری خواہشوں کے پھول کھلنے تھے
تمہاری ابتدا کو میں نے اپنی انتہا کا رنگ دینا تھا
میں اپنے ریشمی اظہار کو
تیری سماعت کے سسکتے کینوس پر پینٹ کرنا چاہتا تھا
مگر تم نے.................
سنو !
دنیا کے جھوٹے آئینوں میں اپنا اصلی عکس مت ڈھونڈو
یہ جھوٹے آئینے بس جھوٹ کہتے ہیں
تمہارا عکس اپنی اصلی حالت میں مری آنکھوں .......
تِرے ابرار کی آنکھوں میں زندہ ہے
مجھے سوچو

مجھے دیکھو
مِری آنکھیں تمہیں کچھ کہہ رہی ہیں
مِری مخلص محبت نے سلگتے راستوں پر بھی
ہزاروں مشکلوں کے ساتھ
اپنے اور تمہارے کل کی منزل کی طرف اپنا سفر رکھا
ہزاروں لفظ جو میرے لبوں پر وقت کے رحم و کرم پر تھے
اُڑانوں کے لیے اب تک
تمہاری قربتوں کے منتظر ہیں
وہ میرے خواب جن کو تم نے
اپنے ہاتھ سے میری کتابِ ذہن پر لکھا
بھیانک خوف میں لپٹے ہوئے ہیں
انہیں مرنے نہ دینا
مِری آنکھوں سے بہتی بے بسی کچھ کہہ رہی ہے
انہیں مرنے نہ دینا
٭٭٭

قیامت سے پہلے

(2)
تمہیں معلوم ہے؟
تمہیں معلوم ہے جس سوچ نے تیری نظر کی سمت بدلی ہے
وہ کتنی خوف صورت ہے
تمہیں معلوم ہے ؟ لیکن تمہیں معلوم کیسے ہو!
کبھی ابرار کی تنہائی کی گہرائی میں اُترو تو جانو
اس کی ساگر جیسی باتوں کے کناروں سے ذرا آگے بڑھو
یہاں روحوں کو ، جسموں کو، سجانے والے
رنگوں کا جہاں آباد ہے
مگر تم تو کناروں پر کھڑی ہو
سنہرے پانیوں سے ڈر رہی ہو؟
ازل سے تا ابد پھیلی ہوئی میری محبت
تم کو اپنی پیاسی بانہوں کا سہارا دے رہی ہے
ذرا آگے بڑھو
کنارو ں سے ذرا آگے
مِری تنہائی تک
مِری گہرائی تک
نہیں تو...........
وہ اک سورج جو تیری واپسی کا منتظر ہے.........
سوا نیزے پہ آ کے آگ برسائے گا.........
کناروں سے پرے تک
دور تک پھیلی ہوئی سب وسعتوں کو
جھوٹ میں لپٹے ہوئے سب آئینوں کو
اور جھوٹی روشنی سے جگمگاتی بستیوں کو راکھ کر دے گا
یہ تم جو پھول کی صورت ہو!
تتلی کی طرح نازک ہو
کیسے بچ سکو گی؟

وہ میرے خواب جن کو تم نے

(1)
ابھی تاریکیوں نے روشنی،
محرومیوں نے زندگی سے بات کرنا تھی
مِرے وعدوں کی بنجر ٹہنیوں پر
تیری میری خواہشوں کے پھول کھلنے تھے
تمہاری ابتدا کو میں نے اپنی انتہا کا رنگ دینا تھا
میں اپنے ریشمی اظہار کو
تیری سماعت کے سسکتے کینوس پر پینٹ کرنا چاہتا تھا
مگر تم نے.................
سنو !
دنیا کے جھوٹے آئینوں میں اپنا اصلی عکس مت ڈھونڈو
یہ جھوٹے آئینے بس جھوٹ کہتے ہیں
تمہارا عکس اپنی اصلی حالت میں مری آنکھوں .......
تِرے ابرار کی آنکھوں میں زندہ ہے
مجھے سوچو

مجھے دیکھو
مِری آنکھیں تمہیں کچھ کہہ رہی ہیں
مِری مخلص محبت نے سلگتے راستوں پر بھی
ہزاروں مشکلوں کے ساتھ
اپنے اور تمہارے کل کی منزل کی طرف اپنا سفر رکھا
ہزاروں لفظ جو میرے لبوں پر وقت کے رحم و کرم پر تھے
اُڑانوں کے لیے اب تک
تمہاری قربتوں کے منتظر ہیں
وہ میرے خواب جن کو تم نے
اپنے ہاتھ سے میری کتابِ ذہن پر لکھا
بھیانک خوف میں لپٹے ہوئے ہیں
انہیں مرنے نہ دینا
مِری آنکھوں سے بہتی بے بسی کچھ کہہ رہی ہے
انہیں مرنے نہ دینا
٭٭٭

تمہارے پاس دو رستے ہیں

تمہارے پاس دو رستے ہیں
اک رستے پہ میں ہوں
تمہاری واپسی کا منتظر
آنکھوں میں
تیری دائمی فرقت کے کالے درد کے امکان کے آنسو لیے
اسی رستے پہ میرے ساتھ
میری خواہشیں ، باتیں
معافی اور ضرورت اور سانسیں بھی
تمہاری منتظر ہیں
مگر جو دوسرا رستہ ہے
اُس پر میں نہیں ہوں
ناں ہی
میرا جرم میری خواہشیں ، باتیں ، ضرورت اور سانسیں ہیں
٭٭٭

ایک نظم

تمہارے بس میں ہے
بے نور کر دو تم
مری غزلوں مری نظموں کو
جو میں نے تمہارے اور اپنے روح کے بندھن سے
کھینچی تھیں
لہو میں بھیگتے سب استعاروں کو
محبت سے بھری یادوں کو باتوں کو
دنوں کو اور راتوں کو
تمہارے بس میں ہے
بے نور کردو تم
مرے ہمراہ دیکھے
ریشمی خوابوں کی تعبیروں کی تصویروں کو
مجھے بس اتنا کہنا ہے
مجھے تم سے محبت ہے
سوائے واپسی کے کوئی بھی ترکیب
گزرے موسموں کا استعارا بن نہیں سکتی
اگر تم چاہو تو
اپنی بغاوت کی چتا میں
میرے جذبوں کو جلا دو
اور ان کی راکھ کو
اک دائمی دوری کے دریا میں بہا دو
٭٭٭

PROSPERITY

اوروں نے بھی لوٹا ہے
اب تم بھی لوٹو
اپنے بینک اکاؤنٹس بھرو
انگلینڈ اور امریکہ کے بازار خریدو
پچھلوں نے تو صرف انا کو بیچا تھا
تم دھرتی کی عزت اور تاریخ بھی بیچو
اور با عزت کہلاؤ
خوشحالی لاؤ
جس میں مائیں ، بہنیں
Dance Clubsمیں جائیں
اور نہ شرمائیں
واپس گھر آ جائیں اور نہ گھبرائیں
چرچ گرا کر
شاپنگ سنٹر کی تصویر بنانے والوں کی تہذیب کو
گھر لاؤ
مسجد منبر کی آواز کو
ایک پرانا ساز سمجھنے والے لوگوں کے لیڈر
خوشحالی لاؤ
اوروں نے بھی لوٹا ہے
اب تم بھی ..........................
٭٭٭

VALENTINE DAY

یہ عہد کرتے ہیں کوئی موسم ہو اپنے خواب کی تصویر کو جلنے نہیں دینا ٭٭٭

ہماری رادھا..........

سخن کے شہر کی اک تابناک محفل میں
نشاطِ درد میں لپٹی ہوئی صداؤں میں
ہر ایک آنکھ سے میں شعر شعر بہتا رہا
کسی کا ہجر کسی کا وصال کہتا رہا
مچلتی شام کے ان خوابناک لمحوں میں
سلگتے ہال کے پیچھے کی ایک کرسی سے
نحیف و ناتواں سے جسم کی صدا آئی
ہماری رادھا تیری شاعری میں زندہ ہے
ہماری رادھا............................
٭٭٭

اگر تم پاس رہتے تو

محبت کے سوالوں کو حوالے مل گئے ہوتے
''جہاں پھولوں کو کھلنا تھا وہیں پر کھل گئے ہوتے''
مِرے ایمان کی تکمیل بھی آسان ہو جاتی
فراریت مجھے بے سمت رستوں پر نہ بھٹکاتی
ضرورت مجھ کو بے آواز چہروں سے نہ ملواتی
ہزار صورتوں میں یوں کبھی تجسیم نہ ہوتا
اگر تم پاس رہتے تو
میں یوں تقسیم نہ ہوتا
٭٭٭

میری منتظر رہنا

جواں ہے چاند بھی اور خوشبوؤں کا موسم ہے
ستم شعار ہیں اب دوریوں کے یہ بندھن
دل و نگاہ سے آگے بھی ایک دنیا ہے
ہمیں تو روح کی گہرائی میں اُترنا ہے
چلو کہ جسم کی دہلیز پار کر لیں ہم
سمے کی بے رُخی توہر کسی نے دیکھی ہے
لہو کی شورشوں کا اب یہی تقاضا ہے
متاعِ زندگی میں لمحے جو میّسر ہیں
تمہاری زلفِ پریشاں کو میں سنواروں گا
تمہیں میں اوڑھ لوں گا تم بھی مجھ کو پہنو گی
خیال و خواب میں اک یاد ہم سجائیں گے
مہکتی روشنی میں میری منتظر رہنا
٭٭٭

اس سے پہلے

اس سے پہلے کہ ان آنکھوں سے لہو گرنے لگے
تجھ کو لاحق ہو کسی سرد جزیرے کا سفر
میری آواز میں آ جائے غریب الوطنی
آ کسی روز محبت کی اجازت کے سمے
اپنے خوابوں کی زمینوں کی ہو ا کو چھو لیں

عجیب رستے ہیں زندگی کے

عجیب رستے ہیں زندگی کے
وہ جو بہاروں کی آبرو تھا
ہزار رنگوں کی جستجو تھا
زمانے بھر میں عزیز کہہ کر
محبتوں کا امین کہہ کر
وہ جس کو پونم کا چاند کہہ کر پکارتے تھے
وہ خود فریبی میں کھو کر اپنی تمام سمتوں کو خود ہی بھولا
اب اس کے چہرے پہ اجنبیّت ہے
اس کی باتوں میں دوستی کے عظیم بندھن کے ٹوٹنے کی عجب خبر ہے
عجیب رستے ہیں زندگی کے
کہ ہم نے جو بھی خیال دل میں سجائے رکھے
وہ خواب بن کر بکھر گئے ہیں
سوال جسم اور جان کے جو بچائے رکھے
جواب کے اب بھی منتظر ہیں
شکایتوں کا حساب ہوگا
ہم اپنے خوں سے لکھیں گے اب ایک ایسا نغمہ
کہ جس کا عنواں سراب ہوگا
جو ذہن و دل کے سبھی سہاروں کے ٹوٹنے کی کتا ب ہوگا
وفا میں ہارے ہوئے بچارو
عجیب رستے ہیں زندگی کے
عجیب بندھن ہیں دوستی کے
کبھی دلیل بہار ہیں یہ
کبھی یہ صدیوں کی جستجو کو
بس ایک ساعت میں خاک و خوں میں ڈبو کے
ہم سے سوال پوچھیں کہ کون ہو تم؟
کہاں سے آئے ہو؟
اجنبی ہو؟
یہ کن خیالوں کے ہو گئے ہو؟
یہ کن سوالوں میں کھو گئے ہو؟
٭٭٭

اس کے ہاتھوں پہ حنا پاؤں میں پائل ہوگی
ایک دیوار مگر بیچ میں حائل ہوگی

اس کے جلوؤں کے بہت پاس میں ہوں گا لیکن
وہ کسی اور کی تقدیر کا حاصل ہوگی

سرخ کپڑوں پہ سجے تار نہ ہوں گے میرے
اس کی آنکھوں میں مِرے پیار کی جھلمل ہوگی

جاتے جاتے وہ مجھے پیار سے دیکھے گی جب
روتے روتے وہ مِری روح میں شامل ہوگی

مجھ سے وہ دور بہت دور چلی جائے گی یہ کہانی بھی سر بزم مکمل ہوگی ٭٭٭

یہ کس کی یاد ہے

زمیں پہ سایۂ شب جب بھی سانس لینے لگے
اداسیاں لیے آتی ہیں درد کی دستک
کبھی جو رت جگے میں جسم کروٹیں بدلے
تو صحنِ دل میں کسی دکھ کی قبر ہلتی ہے
کبھی جو چاند گھٹاؤں کی زد میں آ جائے
فلک کو دیکھتے ہی آنکھ رونے لگتی ہے
کبھی جو تیز ہوا بارشوں کو لے آئے
ہزار وسوسے سانسوں میں رقص کرتے ہیں
یہ کس کی یاد ہے
در و دوار پہ دائم ہے کون سا قصّہ
میں جانتا ہوں مگر جانتا نہیں ہوں میں
٭٭٭

مون لائٹ

مال روڈ کے گرد غبار میں ڈھلتی اجڑی شام
ناموں والے شہر کے اندر
میں بے گھر بے نام
بیتے وقت کا بوجھ اُٹھائے
چلتے چلتے جب لاہور کے دل تک پہنچا
دھکے کھاتے میں نے ایک قطار میں ٹکٹ خریدا
اور پھر اپنے بوجھ کو پل دو پل کی خاطر
نیچے رکھا
ترسی آنکھیں ننگی آوازوں کے نشے میں گم تھیں
لوگوں کے دکھ انجانے جسموں کی صورت
خوشیاں بن کر رقص میں تھے
میرے دکھ بھی ان جیسے تھے
میں بھی اپنی خوشیاں دیکھ کے خوش تھا
لیکن
مون لائٹ سے باہر رات بہت ویران تھی
شام سے بھی ویران
میری ذات کے اندھیاروں سے
آسمان پہ پھیلی کالی چادر تک ویران
٭٭٭

دھند

انہی موسموں میں
ہماری ضرورت کے پل نے
محبت کے مہکے ہوئے شہر کے راستوں سے
سفر بھر دیا تھا
دُکھوں سے بھری زندگی شانت ہو کر
رفاقت کی ساری رسومات کے سُکھ سے
لپٹی ہوئی مُسکراتی ہوئی جی رہی تھی
اُمیدوں میں لپٹے ہوئے قہقہے
روشنی کے سفر کا اشارہ بنے تھے
مگر یہ خوشی موت سے حاملہ اک اداسی کی ماں تھی
انہی موسموں میں
بدلتے ہوئے راستوں سے خیالوں کی مرغابیاں ڈر گئیں
تو سبھی خواہشیں مر گئیں
نارسائی کے کیچڑ میں دھنستی ہوئی زندگی کی
زباں تھک گئی
اداسی نے اب موت کے Monsterکو
مرے نیلے کمرے کی دیوار کے دل پہ ٹانکا ہوا ہے
میں ناراض موسم میں
انجام کے Bed پہ بیٹھا ہو ا مختصر ہو رہا ہوں
میں اب سو رہا ہوں
میں اب----سو----رہا ہوں ----
٭٭٭

نظم

تمہاری یاد آتی ہے
اندھیری رات کو جب آسماں پر
بجلیاں حرف ِ محبت نقش کرتی ہیں
کسی ناکام ساعت جب
ہمارا دل شکستہ حوصلے کا نوحہ گاتا ہے
نئی ہجرت ہماری زندگی کی تازہ مجبوری کے آنگن میں
سیہ خیمہ لگاتی ہے تو ایسے میں
تمہاری یاد آتی ہے
تمہاری یا د آتی ہے
کبھی آباد سڑکوں کے کناروں پر
کبھی مقتول جذبوں کے مزاروں پر
کبھی بنجر زمینوں پر
کنار شب زمیں میں دفن ہوتے ہیں
ریشمی سورج کی حالت کے اشارے پر
جدائی کے کنارے پر
کہیں موسم بدل جائے
کبھی جو ساز مل جائے
کبھی جو گیت بن جائے
کبھی سنگیت چھن جائے
محبت ساز لمحوں میں
بہت ناراض لمحوں میں
زمانے کے سوالوں میں
حفاظت کے خیالوں میں
تمہاری یاد آتی ہے
جب آدھے راستوں پر جا کے منزل بھول جاتی ہے
تمہاری یاد آتی ہے
٭٭٭

میں اپنا ہجر رونا چاہتا ہوں

میں تیرے ہاتھ پر مسلا ہوا دل رکھ کے
اپنا ہجر رونا چاہتا ہوں
سمے کے پھیلتے ساگر میں میرے گُمشدہ جیون کا دُکھ
تیرے سہارے کا کنارہ چاہتا ہے
مجھے معلوم ہے تو وہ کبھی بھی ہو نہیں سکتی
مگر میں نے شباہت کی محبت میں
مسیحائی کو ڈھونڈا ہے
تبھی تیرے سواگت میں
بصارت حوصلے کے خواب بنتی ہے
کئی بے شکل آوازوں سے شل میری سماعت
تیرے ملنے کے خیالوں سے بہکتی ہے
مری سوچوں کے جنگل کے اندھیرے میں
کسی بھی عارضی ممکن کی مشعل کی ضرورت ہے
جو میرے درد کی شدّت میں
شاید کچھ کمی کر دے
مجھے معلوم ہے ہاری وفا سرطان کی صورت
بدن اور روح میں جب پھیل جاتی ہے
اُداسی موت کا آغاز گاتی ہے
مگر میں نے شباہت کی محبت میں
مسیحائی کو ڈھونڈا ہے
مسیحائی جو میری موت کو آسان کر دے
٭٭٭

ہوا سے سوال

سبھی کہتے ہیں
جاتے وقت اس کی ساری تاویلیں
مرے ہی پیار میں ملبوس تھیں
تو پھر وہ لوٹا کیوں نہیں
ہائے وہ میرے مسئلے کی روح تک کو جانتا تھا
زندگی میرے لیے کچھ مختلف ہے مانتا تھا
اب پُرانے ڈر کے جالے ذہن و دل سے کون دھوئے گا
مجھے اب کون روئے گا
بکھرتی زندگی کی بن بیاہی خواہشیں
اب چیونٹیاں بن کر
مرے کل کے تصوّر کے بدن کی ہڈیاں تک کھا رہی ہیں
اور نہ جانے اب یہ سانسیں بھی کہاں سے آ رہی ہیں
سبھی کہتے ہیں
جاتے وقت اس کی ساری تاویلیں
مِرے ہی پیار میں ملبوس تھیں
تو پھر وہ لوٹا کیوں نہیں
بولو وہ لوٹا کیوں نہیں ہے؟
٭٭٭

وہ کون تھی

وہ خواب تھی ایک واہمہ تھی
کہ صرف میرا خیال تھی وہ
وہ دور رہتی یا پاس رہتی
مِرے خیالوں میں مستقل وہ بہار جیسا مقام رکھتی
وہ جب بھی مجھ کو سلام لکھتی
محبتوں کا پیام لکھتی
تو یہ بھی لکھتی
خیال رکھنا
تمہارے جذبے مری امانت ہیں
یہ امانت سنبھال رکھنا
مجھی کو چاہو مجھی سے رکھو
تمام رشتے تمام ناطے
تمام گھڑیاں تمام باتیں تمہاری میری ہی سلطنت ہیں
یہ چاندنی کی حسین راتیں
مرے خیالوں میں تم گزارو
دھنک کے سارے حسین رنگ اور
مستیاں جو بہار کی ہیں
حکایتیں جو نکھار کی ہیں
ضرورتیں جو قرار کی ہیں
شرارتیں ہیں ہواؤں کی جو
بغاوتیں ہیں جو بادلوں کی
یہ تتلیوں کی حسین نازک ادا میں جو بھی ہے فلسفہ سا
مجھی پہ سب کچھ نثار کرنا
مجھی سے تم جان پیار کرنا
سنو کبھی تم گنوا نہ دینا
وفاؤں کا وہ حسین موتی
جو تم نے مجھ سے چُرا لیا ہے
مجھے کبھی تم بھُلا نہ دینا
ہزار راہیں ہیں زندگی کی
ہزار سمتیں ہیں راستوں کی
کہیں کبھی تم بھٹک نہ جانا
وہ خواب تھی ایک واہمہ تھی
یا صرف میرا خیال تھی وہ
وہ کون تھی٭٭٭

تمہارے بعد بھی ہم نے یہ سلسلہ رکھا تمام شہر کے لوگوں سے رابطہ رکھا

نجانے کب کوئی ہم کو وہ بات بتلا دے
قریب رہ کے بھی جس نے ہمیں جدا رکھا

تمہاری شکل میں دیکھا ہے اپنی صورت کو
تمہارا نام تبھی ہم نے آئینہ رکھا
٭٭٭

اوک میں سویا ہُوا سال

تمہیں میری محبت کی قسم مجھ کو بتا دو نا!
تمہارے پہلے پہلے ریشمی جذبوں کو
چھونے والا ساحرکون تھا
تمہارا استعارا کون تھا
تمہارے شہر میں مہکا ہوا کوئی اجنبی سورج
تمہارے حزن میں پلتا ہوا کوئی نرمگیں لمحہ
کوئی تارہ جو امکاں کے افق پر بارہا چمکا
تمہارے شہر سے گزرا ہوا کوئی بے کراں دریا
شکستہ لوح پر لکھا ہوا پھولوں کا موسم
یا کنار شب اندھیرے کو فنا کرتا ہوا
اک ریشمی ہالا
کئی پرکھوں سے جس نے نیند کو لوٹا
تمہارے برج کی وہ رقص کرتی آخری خواہش؟
بتا دو کون تھا؟
جس نے تمہارے زندگی بھر کے سوالوں کو
دعاؤں کے مہکتے سلسلوں کو
وقت کے دل پر سجانے کی قسم دی تھی
تمہیں میری محبت کی قسم مجھ کو بتا دو
وہ اشارہ کون تھا
جس نے تمہیں منزل کے پہلو میں
چمکتے آئینے دکھلا دیئے تھے
جن میں تیری شکل رنگوں میں بدلتی تھی
کنارا کون تھا جس کی ہواؤں نے
تمہیں اک اجنبی ساگر میں
گھل جانے کی خواہش دی
تمہیں میری محبت کی قسم
مجھ کو بتا دو نا
٭٭٭

تمہاری برتھ ڈے پر

تمہاری برتھ ڈے پر
کونسا تحفہ تمہیں بھیجوں
مری چشم ِ تصوّر مختلف سے رنگ کی اک نیل پالش
اور مچلتے شیڈ کی اک لپ سٹک کو
مسکراتی چوڑیوں کے سائے سائے دیکھتی ہے
کبھی میں سوچتا ہوں
شہر کے فیشن زدہ بوتیک سے
کچھ نت نئے انداز کے کپڑے خریدوں
اور تم کو بھیج دوں
ذرا سی دیر میں یہ دل مرا یہ مضطرب دل
میری اُنگلی کو پکڑ کے
شہر کی سب سے مزیّن شاپ کا منظر دکھاتا ہے
جہاں پر بے شمار انٹیک نظروں کو لبھاتے ہیں
یہی وہ شاپ ہے جس سے ہزاروں سال پہلے
میں نے تیرے جیسی اک لڑکی کی خاطر
وصل کے تحفے خریدے تھے
مگر اب میں ،
پُرانی خواہشوں کی قبر کے پہلو میں بیٹھا
سوچتا ہوں
مرا غم بھی کسی انٹیک سے کم تو نہیں ہے
تمہاری برتھ ڈے پر
تم کو اپنے دائمی غم کا اندھیرا بھیج دیتا ہوں
یہ ممکن ہے کہ تم اس پر
محبت کے ستارے ٹانک دو

محبت جب نئے محور پہ آئے گی

محبت جب نئے محور پہ آئے گی
تو اپنے آپ کو ڈھونڈو گے ، تم بھی پھر
کسی روتی ہوئی تصویر کے اجڑے نظارے میں
کنار شام ساگر کے کنارے پر
زمیں میں دفن ہوتے ریشمی سورج کی حالت کے اشارے میں
کسی ٹوٹے ہوئے دل میں
کبھی بنجر زمینوں کی طرف چلتے
کسی خاموش رستے پر
سمے کی آگ میں جل کر فنا ہوتے سوالوں میں
محبت کے تصور کے کئی مردہ حوالوں میں
کسی ٹوٹے ہوئے مندر یا بوڑھے سائے میں
جو دھوپ سے لڑنے سے قاصر ہے
محبت جب نئے محور پہ آئے گی
کئی سمتوں میں یہ تحلیل ہوگی
اور اپنے آپ کو ڈھونڈو گے
تم بھی پھر
سلگتی دھوپ میں پھولوں کی رنگت کی پکاروں میں
یا ساحل سے گریزاں ہوتی لہروں کے اشاروں میں
یا ان لوگوں کی حالت میں
جنہیں شوقِ سفر نے مستقل تنہائیاں ہی دیں
محبت جب نئے محور پہ آئے گی
یہ ممکن ہے کہ تم خود کو
کسی صحرا کی جانب ڈھونڈنے نکلو
٭٭٭

NEW YEAR CARD

اک سال کے آخر میں
اک سال کی آمد کی
تم خبر سناتے ہو
یوں پیار جتاتے ہو
وہ سال کب آئے گا
جب اپنی آمد کی
تم خبر سناؤگے
یوں پیار جتاؤ گے
٭٭٭

اب کبھی ناں محبتیں ہوں گی ہر کسی سے شکایتیں ہوں گی

جن کو چاہا نہیں گیا یارو ایسی کتنی ہی صورتیں ہوں گی

مجھ کو دیکھا ہوا نے تیرے ساتھ اب قیامت کی بارشیں ہوں گی

اس کو بھی چاند سے محبت ہے اس کے دل میں بھی حسرتیں ہوں گی

زندگی کے کٹھن سفر میں عمر اس کو میری ضرورتیں ہوں گی ٭٭٭

ماخذ:
http://www.alqamar.org/poetry/categories/%D8%B4%D8%B9%D8%B1%D8%A7%D8%A1-%DA%A9%DB%8C-%D9%81%DB%81%D8%B1%D8%B3%D8%AA-%D8%AD%D8%B1%D9%88%D9%81-%D8%AA%DB%81%D8%AC%DB%8C-%D8%B3%DB%92/%D8%A7/%DA%88%D8%A7%DA%A9%D9%B9%D8%B1-%D8%A7%D8%A8%D8%B1%D8%A7%D8%B1-%D8%B9%D9%85%D8%B1/
تدوین، اور ای بک کی تخلیق: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

جذبات کے دھاگے