دین و مذہب

چراغاں

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (6,202 الفاظ)

چراغاں

حصہ اول

حنیف اخگر ملیح آبادی

حنیف اخگر ملیح آبادی

غمِ ترکِ وفا ہی غم کا پیمانہ نہیں ہوتا
ہر آنسو دل کی بے تابی کا افسانہ نہیں ہوتا

کوئی ساغر پہ ساغر پی رہا ہے کوئی تشنہ ہے
مُرتّب اس طرح آئینِ میخانہ نہیں ہوتا

شناسا ہے دل اس کی ہر ادائے بے نیازی سے
وہ بے گانہ بھی ہو کر ہم سے بے گانہ نہیں ہوتا

نقابِ رُخ اُلٹ کر وہ سرِ محفل جو آ جائے
تو پھر دیکھیں کہاں تک کوئی دیوانہ نہیں ہوتا

تِری محفل میں ہوں اور پھر بھی دل میں خاک اُڑتی ہے
سُنا یہ تھا کہ آبادی میں ویرانہ نہیں ہوتا

ضروری ہے وفا میں شرطِ آدابِ مُحبّت بھی
جِسے جلنا نہیں آتا، وہ پروانہ نہیں ہوتا

نگاہِ ساقیِ رنگیں سے پی لیتے ہیں اے اخگرؔ
اگر حدِّ نظر تک کوئی پیمانہ نہیں ہوتا

٭ ٭ ٭

لذّتِ بادہ سے تلخی کا مزا یاد آیا حسبِ توفیق شفا زہرِ دوا یاد آیا

جراتِ ترکِ تمنّا کا خیال آتے ہی عہدِ پابندیِ آدابِ وفا یاد آیا

اختصارِ شبِ وعدہ کی شکایت پہ اُسے شبِ ہجراں کی درازی کا گِلہ یاد آیا

دل کو احساسِ مُسرّت ہی بہت تھا لیکن
تیرے غم میں تھی وہ لذّت کہ خُدا یاد آیا

کھِل کے اِک پھول بنا پھُول سے گلزار بنا
نخلِ غم کو عملِ نشوونما یاد آیا

جب رہِ عشق میں دنیا نے بچھائے کانٹے
ہم کو اپنا ہی سا اِک آبلہ پا یاد آیا

بُت کدہ چھوڑ کے جاتے ہو حرم کو اخگرؔ
تم کو آیا بھی تو کس وقت خُدا یاد آیا

٭ ٭ ٭

پلکوں پہ دل کا رنگ فروزاں نہیں رہا اب ایک بھی دیا سرِ مژگاں نہیں رہا

قلبِ گداز و دیدۂ تر تو ہے اپنے پاس
میں شاد ہوں کہ بے سر و ساماں نہیں رہا

آنکھوں میں جل اُٹھے ہیں دیئے انتظار کے
احساسِ ظلمتِ شبِ ہجراں نہیں رہا

تُجھ سے بچھڑ کے آج بھی زندہ تو ہُوں مگر
وہ ارتعاشِ تارِ رگِ جاں نہیں رہا

کیونکر نہ کُفرِ عشق پہ ایماں لائیے
سُنتے ہیں اب وہ دشمنِ ایماں نہیں رہا

اب آئے ہیں وہ پُرسِشِ احوال کے لیے جب اعتبارِ عُمرِ گُریزاں نہیں رہا

ساکت ہُوا ہے جتنا تُجھے دیکھنے کے بعد
اتنا تو آئینہ کبھی حیراں نہیں رہا

امکانِ باریابیِ دربارِ حُسن ہو ہم کو دماغِ مِنّتِ درباں نہیں رہا

اخگرؔ وہ دن بھی دُور نہیں جب کہیں گے لوگ
محفل میں ایک اور غزل خواں نہیں رہا

٭ ٭ ٭

وہ سنا رہے تھے لیکن، نہ سنا گیا فسانا
ذرا آنکھ لگ گئی تھی کہ گزر گیا زمانا

غمِ نوَ بہ نوَ کی زد سے ہے محال دل بچانا
کبھی دُکھ کے تازیانے ، کبھی درد کا فسانا

اِسی کشمکش میں اُلفت کا گزر گیا زمانا
کبھی آپ ہچکچائے کبھی دل کہا نہ مانا

کہیں تم بھی ہو نہ جانا مِری حیرتوں میں شامل
مُجھے آئینہ بنا کر مِرے روبرو نہ آنا

وہ بہارِ تازہ بنکر جو اَدا سے آرہے ہیں
ہے اُنھیں چمن میں شاید کوئی اور گُل کھِلانا

ہیں نئے نئے تصوّر تو نئی نئی ہے قامت
کسی جسم پر نہیں ہے کوئی پیرہن پُرانا

رہ و رسمِ عاشقی میں یہ ہے اپنا حال اخگرؔ
کبھی دوسروں پہ ہنسنا کبھی خود پہ مُسکرانا

٭ ٭ ٭

یہی شاید مآلِ جستجو تھا غبار اک ناتواں سا کُوبکُو تھا

جو آئینے میں میرے رُوبَرُو تھا وہ تجھ جیسا ہی کوئی ہُو بَہُو تھا

سحرِ دم خواب میں ساقی کو دیکھا وہ میرے رُوبَرُو، میں قبلہ رُو تھا

وہ عالم یاد تو ہو گا تجھے بھی ہمیں ہم تھے جہاں یا تُو ہی تُو تھا

چمن میں بھی کہاں آزاد تھا میں گرفتارِ فریبِ رنگ و بُو تھا

سُکوتِ لب کی کیفیّت نہ پوچھو خموشی میں فسونِ گفتگو تھا

سرِ محشر کہے گی تیغِ قاتل سرِ مقتل میں کتنا سُرخرُو تھا

کسی منزل پہ بھی منزل نہ پائی یہی میرا مآلِ جستجو تھا

وہی ننگِ چمن ٹھہرے ہیں اخگرؔ لہو جن کا چمن کی آبرو تھا

٭ ٭ ٭

وہ مُجھے سوزِ تمنّا کی تپش سمجھا گیا
موم کا پیکر سمجھ کر دھوپ میں ٹھہرا گیا

اس کی بزم ِ گل میں اپنے خانہ ء ویراں کی سمت
'میں مثالِ ابر آیا، صورتِ صحرا گیا'

تھا امیرِ شہر گر اپنی جگہ برحق تو پھر
آئنہ جب سامنے آیا تو کیوں گھبرا گیا

اب کوئی سفّاک دنیا کے غموں کا غم نہیں
ہم کو تیرا غم سمجھنے کا سلیقا آگیا

کس سے دیکھا جائے گا اس کا جمالِ نَو بہ نَو
ایک جلوہ ہی نگاہِ شوق کو پتھرا گیا

بازیِ دل ہم نے یُوں کھیلی بساطِ دہر پر
شہ پہ شہ پڑتی رہی، ہر شہ پہ اک مُہرا گیا

چڑھتے سُورج کے پُجاری، کل کے سُورج کو نہ بھُول
وہ بھی سُورج تھا یوں ہی نکلا، چڑھا، اُترا گیا

اب نہ وہ مشتاق نظریں ہیں نہ وہ بیتاب دل
بے محابا آئیے ، سانسوں کا وہ پہرا گیا

کچھ عجب تھا تیری بزمِ ناز میں اخگرؔ کا حال
آج اس کو دیر تک کچھ سوچتا دیکھا گیا

٭ ٭ ٭

نہ ہے خرد کا کمال کوئی نہ ہے کرشمہ یہ بے خودی کا
میں اُن نگاہوں کی آڑ لے کر علاج کرتا ہوں تشنگی کا

ہمارے احساسِ خامشی ہی نے رُوپ دھارا ہے نغمگی کا
نہاں ہے ایک ایک جنبشِ لب میں راز دل کی شگفتگی کا

نفس نفس ہے ہوَا کی زد پر، کوئی بھروسا ہے زندگی کا
اِسے جو کہتے ہیں زندگی، ہم نکالتے ہیں غُبار جی کا

کبھی تو حرفِ صدائے جاں کو قُبولیت کی سَند ملے گی
تری گلی میں ہے اس حوالے سے اپنا پیشہ گداگری کا

تمہاری آنکھوں کی گردشوں میں بڑی مُروّت ہے ہم نے مانا
مگر نہ اتنی تسلّیاں دو کہ دم نکل جائے آدمی کا

یہ سانحہ بھی بڑا عجب ہے کہ اپنے ایوانِ رنگ و بُو میں
ہیں جمع سب مہرو ماہ و انجم، پتا نہیں پھر بھی روشنی کا

ہماری نظروں میں کیا جچے گا، بھلا قیامت کا رنگ اخگرؔ
کہ ہم نے دیکھا ہے ایک منظر کسی کی آنکھوں کی برہمی کا

٭ ٭ ٭

جلوؤں کا جو تیرے کوئی پیاسا نظر آیا وہ ذات میں اپنی ہمیں دریا نظر آیا

زد پر جو نگاہوں کی وہ چہرا نظر آیا کُچھ رنگِ حیا اور نکھرتا نظر آیا

یہ حُسنِ تغزّل کا کرشما نظر آیا وہ جانِ غزل شعرِ سراپا نظر آیا

اک سلسلۂ لامتناہی تھا غمِ عشق ارمان سے ارمان نکلتا نظر آیا

رشکِ مہ و خورشید وہ مٹّی کا دیا تھا
جو رُخ پہ ہواؤں کے بھی جلتا نظر آیا

میں نے تو کبھی آپ کو تنہا نہیں دیکھا
میں آپ کو محفل میں بھی تنہا نظر آیا

دل میرا بھر آیا بغمِ ترکِ مُحبّت خالی تھا مگر جام چھلکتا نظر آیا

پردے پہ جمی رہ گئیں خاموش نگاہیں یوں بھی پسِ پردہ تیرا چہرا نظر آیا

مُجھ پر تو جمی تھیں تری محفل کی نگاہیں
میں وہ تھا کہ محفل میں بھی تنہا نظر آیا

ساقی نے مُجھے خاص نگاہوں سے جو دیکھا
شُعلہ سا مرے جام سے اُٹھتا نظر آیا

اک دُشمنِ ایماں سے ہو اُمّیدِ وفا کیا
کب دشت میں دیوار کا سایا نظر آیا

خوش رنگ ہُوا ،اور تِری یاد کا منظر پلکوں پہ اگر کوئی ستارا نظر آیا

سُولی پہ چڑھا کوئی، کوئی طُور پہ پہنچا
اخگرؔ تِرے کوچے سے گزرتا نظر آیا

٭ ٭ ٭

دل کی مِرے بساط کیا، ایک دِیا بُجھا ہُوا
تم نے اسے بجا کہا، ایک دِیا بُجھا ہُوا

سر پہ محیط کی گئیں ، سارے جہاں کی ظلمتیں
'اور مجھے دے دیا گیا، ایک دیا بُجھا ہوا'

ہم نے تو گُل کیے تھے خود اپنی اُمّید کے چراغ
آپ نے کیوں جلا دیا، ایک دیا بُجھا ہُوا

دل سے نہ میرے پُوچھیے ، عالمِ ترکِ آرزو
طاق میں جیسے رہ گیا، ایک دیا بُجھا ہُوا

آئینۂ وجود میں خود کو جو دیکھنے گیا
میرا ہی عکس بن گیا، ایک دیا بُجھا ہُوا

جب یکے بعد دیگرے ، سارے چِراغ بُجھ گئے
آپ ہی آپ جل اُٹھا، ایک دِیا بُجھا ہُوا

آپ کی کیا مثال دوں ، آپ تو بے مثال ہیں
اور مِری مثال کیا، ایک دیا بُجھا ہُوا

میں نے تو اُس کو بخش دی، قلب و نظر کی روشنی
اُس نے خیال کو دیا، ایک دیا بُجھا ہُوا

عشق میں خاک ہوکے بھی، اخگرؔ اِک آگ سے رہی
مُجھ میں بہر نفس جلا، ایک دیا بُجھا ہوا

٭ ٭ ٭

سُکون سایۂ سرو سمن میں کتنا تھا
یہ غم قفس میں بہت ہے ،چمن میں کتنا تھا

غنیمِ ہوش سہی میرِ انجمن لیکن کسی کو ہوش ہی اُس انجمن میں کتنا تھا

ہر اہتمام پئے برہمی ِ نظمِ حیات کسی کی زُلفِ شکن در شکن میں کتنا تھا

نگاہ و دل ہی یہ رازِ نگاہ و دل جانیں
غرورِ حُسن لبِ کم سخن میں کتنا تھا

جس اُس کا نام لیا تب ہوا محسوس مزا حلاوتِ کام و دہن میں کتنا تھا

ادا و شوخی و ناز و ہُنر کا سرمایہ
بہ فیضِ حُسن تِرے بانکپن میں کتنا تھا

فروغِ رنگِ بہاراں وفورِ خندۂ گُل ادائے سادگیِ پیرہن میں کتنا تھا

کسی کے جورِ مسلسل کا فیض ہے اخگرؔ وگرنہ درد ہمارے سُخن میں کتنا تھا

٭ ٭ ٭

ساز میں سوز جب نہیں آتا لُطف بزمِ طرب نہیں آتا

ہم کو اپنی خبر نہیں ہوتی وہ تو آنے کو کب نہیں آتا

عقل میں لفظِ عشق کا مفہوم کچھ تو آتا ہے ، سب نہیں آتا

!ہوش آنے کی بات اتنی ہے
'جب وہ آتا ہے ، تب نہیں آتا'

اُس کو الفت کی بات پر غُصّہ پہلے آتا تھا، اب نہیں آتا

ہو نہ ہو بھر رہا ہے زخمِ جگر رنگ اشکوں میں اب نہیں آتا

دل لہو جب تلک نہ ہو اخگرؔ رنگِ حُسنِ طلب نہیں آتا

٭ ٭ ٭

دشواریوں نے راہ کو آساں بنا دیا ہر مرحلے کو منزلِ جاناں بنا دیا

کتنی تھی تابِ حُسن کہ اس کی نگاہ نے 'ہر آرزو کو شعلہ بداماں بنا دیا'

چارہ گروں کی شعبدہ بازی پہ دل نثار درماں کو درد، درد کو درماں بنا دیا

محدودِ آروزئے مُسرّت تھا دل مِرا وسعت نے غم کی اس کو بیاباں بنا دیا

اِک ذرّۂ حقیر کی قوّت تو دیکھیے تسخیرِ کائنات کو آساں بنا دیا

رُخ پر تِرے ٹھہر کے مِری چشمِ شوق نے آرائشِ جمال کو آساں بنا دیا

اک جنبشِ نگاہ بڑا کام کر گئی تارِ نظر کو جزوِ رگِ جاں بنا دیا

آیا ہے وہ بھی وقت کہ اکثر بہار نے ہر چاکِ گُل کو میرا گریباں بنا دیا

اخگرؔ نقاب اُلٹ کے کسی خوش جمال نے کارِ دل و نگاہ کو آساں بنا دیا

٭ ٭ ٭

صورتِ اشک نہ محفل میں عیاں ہونا تھا
درد کو اور نِہاں ، اور نِہاں ہونا تھا

سبب اس کا نہ مِرا گریہ کُناں ہونا تھا
ہو گیا راز عیاں ، راز عیاں ہونا تھا

ہائے بے مائگیِ دل کہ مِری آنکھوں سے
ہو گئے اشک رواں ، خون رواں ہونا تھا

رنگ لایا ہے مرا خُو گرِ ایذا ہونا
مہرباں ہے وہ جسے دشمنِ جاں ہونا تھا

دل دہی کی نہ کوئی بات کرو اے یارو
اُس کے کُوچے میں تو بس دل کا زیاں ہونا تھا

راحتِ غم جو نہیں ہے ، تو غمِ عشق سہی
کوئی تو جشن سرِ خلوتِ جاں ہونا تھا

ضبط ہی اصل میں شرحِ غمِ جاں ہے اخگرؔ
نہ ہو ا آنکھ سے آنسو جو رواں ہونا تھا

٭ ٭ ٭

عشق جب منزلِ آخر سے گزرتا ہو گا ایک بھی اشک نہ آنکھوں سے ٹپکتا ہو گا

ہم تو جب جانیں کہ جب وقت ہمارا بدلے
لوگ کہتے ہیں بدلتا ہے ، بدلتا ہو گا

ہو گا اے دوست یقیناً وہ مرے دلکی طرح
جو دیا رُخ پہ ہواؤں کے بھی جلتا ہو گا

آج ٹھہرایا ہے خود جس نے مجھے قابلِ دار
کل وہی میری وفاؤں کو ترستا ہو گا

ساغرِ چشم میں میکش اسے بھرتے ہوں گے
رنگ جب آپ کے چہرے سے چھلکتا ہو گا

جو نظر اٹھتی ہے بن جاتی ہے اِک موجِ خُمار
دستِ ساقی میں کوئی جام چھلکتا ہو گا

حال اخگرؔ کے تڑپنے کا سُنا جب، تو کہا
اس کی فطرت ہی تڑپنا ہے تڑپتا ہو گا

٭ ٭ ٭

نفس نفس نے اڑائیں ہوائیاں کیا کیا
برنگِ عشق ہوئیں ، جگ ہنسائیاں کیا کیا

ہمیں نے عشق کو حُسنِ انا کا رنگ دیا
ہمیں پہ عشق میں آئیں بُرائیاں کیا کیا

مِرے تقدُّسِ ایماں سے کھیلتی ہی رہیں
تِری نگاہ کی کافر ادائیاں کیا کیا

سُکوں گرفتہ نہ دل ہی نہ آنکھ خُوں بستہ
تمام عُمر رہیں نارسائیاں کیا کیا

جُدائیوں سے بھی عُقدے رِفاقتوں کے کھُلے
رِفاقتوں میں بھی آئیں جُدائیاں کیا کیا

ہے آہ ایک غزل، اشک اک قصیدہ ہے
نہاں ہیں غم میں بھی نغمہ سرائیاں کیا کیا

رفیق مجھ سا کہیں پائے گی نہ اے اخگرؔ
مچائے گی شبِ ہجراں دُہائیاں کیا کیا

٭ ٭ ٭

بادِ ہوائے شوق کے ارمان کی طرح گھر میں ہم اپنے رہتے ہیں مہمان کی طرح

آتا ہے شامِ ہجر تِری زُلف کا خیال نادیدہ ایک صبح کے ارمان کی طرح

کافر سہی ہزار مگر اس کو کیا کہیں ہم پر وہ مہربان ہے مسلمان کی طرح

ہر دم ہے آنسوؤں سے وضو کارِ عشق میں
تازہ ہے اُن کا غم مرے ایمان کی طرح

مانا کہ رہگزر میں ہیں ، پتھر نہیں ہیں ہم
ہم سے بھی بات کیجیے انسان کی طرح

دیکھو ہماری سمت کہ زندہ ہیں ہم ابھی سچّائیوں کی آخری پہچان کی طرح

اخگرؔ ابھی ہوں وقت کی اِک موجِ تہہ نشیں
اُبھروں گا ایک دن کسی طوفان کی طرح

٭ ٭ ٭

کچھ دن جو رہا سلسلۂ ضبطِ فُغاں اور بڑھ جائیگی تابندگیِ داغِ نِہاں اور

آنکھوں میں اب اشکوں کی جگہ خون ہے پھر بھی
بے مائیگیِ دل کا تقاضا ہے کہ ہاں اور

مدھم ہوئی جب ذہن میں کیفیّتِ سجدہ
دل پر اُبھر آئے تِرے قدموں کے نشاں اور

آنکھوں میں جو آنسو ہیں ، تو لب پر ہے تبسّم
کیا خوب تِرا غم ہے عیاں اور نِہاں اور

جتنی ہی ملی دل کو غمِ عشق کی ُوسعت محدُود ہوا سلسلۂ لفظ و بیاں اور

اظہار پہ بھاری ہے خموشی کا تکلّم
حَرفوں کی زباں اور ہے ، آنکھوں کی زبان اور

چپکے سے پھر آ جائیں مِرے پاس وہ اخگرؔ
اِک برق چمک جائے سرِ خلوتِ جاں اور

٭ ٭ ٭

جلوہ بقدرِ ظرف دکھایا نہیں ہُنُوز
آنکھوں میں ہے وہ دل میں سمایا نہیں ہُنُوز

اللہ رے اعتبار کہ اس بے وفا کے بعد
ہم نے کسی کو اپنا بنایا نہیں ہُنُوز

کس واسطے وفا سے اُٹھاؤں میں اپنے ہاتھ
اُس نے سِتم سے ہاتھ اُٹھایا نہیں ہُنُوز

وہ اپنے آپ مُجھ کو بھُلا دے گا کس طرح
جو اپنے آپ یاد بھی آیا نہیں ہُنُوز

سرلے کے سُوئے دار چلے بارہا مگر ہم نے کوئی چراغ جلایا نہیں ہُنُوز

حیرت ہے مُجھ کو اس سے محبّت ہے کس طرح
اُس کا تو لب پہ نام بھی آیا نہیں ہُنُوز

اخگرؔ مِرے وجود میں ہے جو لگی ہوئی
اس آگ کو تو میں نے بُجھایا نہیں ہُنُوز

٭ ٭ ٭

دیکھنا یہ عشق میں حُسنِ پذیرائی کے رنگ
انجمن در انجمن ہیں میری تنہائی کے رنگ

دل کے ہر گوشے میں جل اُٹھے ہیں زخموں کے چراغ
اللہ اللہ اک مسیحا کی مسیحائی کے رنگ

اس ادا سے آ گئے ہیں وہ نظر کے روبرو
اور گہرے ہو گئے ہیں دل کی بینائی کے رنگ

ہو صداقت کا جو دعویٰ دیکھ لیجیے آئنہ
آئنے ہی میں نظر آتے ہیں سچّائی کے رنگ

ہر در و دیوار پر لکّھا ہوا ہے میرا نام
وجہِ شہرت بن گئے ہیں کتنے رُسوائی کے رنگ

ہر نظر اپنی جگہ خود ایک جلوہ بن گئی
چھا گئے ایسے تمہاری جلوہ آرائی کے رنگ

دیر تک اخگرؔ درِ جاں پر چراغوں کی طرح
روشنی دیتے رہے میری جبیں سائی کے رنگ

٭ ٭ ٭

اس طرح مہ رُخوں کو پشیماں کریں گے ہم
اب داغ داغ دل کا نُمایاں کریں گے ہم

آئینہ بن کے جائیں گے بزمِ جمال میں
محفل کے رُو برو انہیں حیراں کریں گے ہم

آئے تو وہ بہارِ دل و جاں نگاہ میں
اِک اِک نفس کو رشکِ گلستاں کریں گے ہم

اس بُت کو اپنے دل میں بسانے سے پیشتر پیمائشِ حرارتِ ایماں کریں گے ہم

مِل جائے اُن کا نقشِ کفِ پا اگر کہیں
اِک اِک لکیرِ جزوِ رگِ جاں کریں گے ہم

احسانِ وصل ِ یار بھی منظور ہے مگر آزارِ ہِجرِ یار کے ارماں کریں گے ہم

اخگرؔ کسی کی یاد میں لازم ہے ایک جشن
خونِ جگر سے خاطرِ مژگاں کریں گے ہم

٭ ٭ ٭

سنگ برسیں گے اور مُسکرائیں گے ہم یوں بھی کُوئے ملامت میں جائیں گے ہم

آئنہ تیرے غم کو دکھائیں گے ہم دل جلے گا مگر مُسکرائیں گے ہم

غم تِرا اس طرح آزمائیں گے ہم ہر مُسرّت سے دامن بچائیں گے ہم

اب یہ سوچا ہے اِک شخص کی یاد کو زندگی کی طرح بھُول جائیں گے ہم

دیکھنا بن کے پروانہ آؤ گے تم صورتِ شمع خود کو جلائیں گے ہم

دشمنوں پر اگر وقت کوئی پڑا دوستوں کی طرح پیش آئیں گے ہم

دل کو زخموں سے اخگرؔ سجائے ہوئے روز جشنِ بہاراں منائیں گے ہم

٭ ٭ ٭

حالِ دل بیمار سمجھ میں چارہ گروں کی آئے کم
بے چینی ہو جائے زیادہ درد اگر ہو جائے کم

اشک نکل جائیں تو یقیناً شدّتِ غم ہو جائے کم
دل کا جھلس جانا لازم ہے آہ جو لب پر آئے کم

مُجھ کو ہے تسلیم قفس میں پھولوں کے ہیں سائے کم
ہائے مگر وہ جن کو چمن کی آب و ہوا راس آئے کم

راہِ طلب میں ہر منزل پر ہو تجدید عزمِ سفر
رہرو کو آرام نہ آئے اور جو آئے آئے کم

قامتِ فن کی بات الگ،معیارِ ہنر کی بات الگ
شہرِ سُخن گنجان ہے لیکن ہیں میرے ہمسائے کم

اپنے عیب سے واقف ہونا، سب سے بڑا ہے کارِ ہُنر
آدمی خود آئینہ دیکھے اوروں کو دکھلائے کم

پُوچھنے والو!۔ حال نہ پُوچھو عشق میں اب یہ عالم ہے
خود پر ہنسنا آئے زیادہ دل پر رونا آئے کم

عارض رنگیں کہنے میں توصیف تو ہے تشبیہہ نہیں
پھول پہ آئے اسکی شباہت پھول کی اُس پر آئے کم

شہرِ نفس سے وادیِ جاں تک سیکڑوں نازک رشتے ہیں
سانس نہ رُکنے پائے اخگرؔ درد نہ ہونے پائے کم

٭ ٭ ٭

پریشان و شکستہ دل رہے ہم ذرا تُجھ سے اگر غافل رہے ہم

سفر میں ہر قدم شامل رہے ہم کبھی جادہ کبھی منزل رہے ہم

مآلِ عشق سے غافل رہے ہم محبّت میں شگفتہ دل رہے ہم

کیا تھا، ہم نے ہر مشکل کو آساں سو آسانی میں بھی مُشکل رہے ہم

مُحبّت میں سوالِ آرزو کیا ہمیشہ صورتِ سائل رہے ہم

یہ کیا کم ہے کہ اس کی انجمن میں چراغوں کی طرح شامل رہے ہم

محبّت تجھ سے کی اور اس قدر کی کہ اپنے آپ سے غافل رہے ہم

ٹھہر جاتا تھا دل آنسو بہا کر اب اس کے بھی کہاں قابل رہے ہم

محبّت نام ہے طوفاں کا اخگرؔ کہاں شرمندۂ ساحل رہے ہم

٭ ٭ ٭

رُو برُو اس کے بچشمِ معتبر جائیں گے ہم
آئنے میں دیکھنے آئینہ گر جائیں گے ہم

اپنی ہستی کو جو تُجھ میں جذب کر جائینگے ہم
بس ہمیں ہم ہوں گے نظروں میں جدھر جائیں گے ہم

اب یہ سوچا ہے کہ جب بھی سامنے آئیں گے وہ
سر جھکائے بے نیازانہ گذر جائیں گے ہم

اِس طرف اک بُت کدہ ہے ، اُس طرف بابِ حرم
جائیں گے لیکن اِدھر ہو کر اُدھر جائیں گے ہم

مسندِ دار و رسن کو بھی سجانا چاہیے
اُٹھ کے محفل سے تِری آخر کدھر جائینگے ہم

موت سے پہلے اگر آنا تِرا ممکن نہیں
پھر یہی ہو گا کہ بس، بے موت مر جائیں گے ہم

عشق کی فطرت ہے اپنی ذات میں مُشکل پسند
کم ہوئی دشواریِ منزل تو مر جائیں گے ہم

اور بڑھ جائیں گی کُچھ حُسن کی وسعتیں
آپ کی ہر ہر اَدا منظوم کر جائیں گے ہم

وسعتِ پائے جنوں کا بھی ہے لازم احترام
دشت سے فرصت ملے گی جب تو گھر جائیں گے ہم

حاصلِ راہِ طلب ہے جستجو ہی جستجو
مل گئی منزل تو اخگرؔ کوچ کر جائیں گے ہم

٭ ٭ ٭

ہزار آنسو امنڈ امنڈ کر ہماری پلکوں پہ آرہے ہیں
کوئی تہی دامنوں سے کہہ دے کہ ہم خزانے لُٹا رہے ہیں

نہیں غم اِس کا کہ ہر نفس پر وہ لذّتِ غم بڑھا رہے ہیں
ہمیں تو اس بات کی خوشی ہے کہ وہ ہمیں آزما رہے ہیں

نہ کوئی مونس نہ کوئی ہمدم نہ کوئ پُرسانِ غم ہے پھر بھی
نہ جانے کیوں دل یہ کہہ رہا ہے وہ آرہے ہیں وہ آ رہے ہیں

طراوشِ خوں کی سُرخیوں سے یہ رات کی محفلیں سجی ہیں
مِرے لہو کے دیے جلا کر وہ جشنِ عشرت منا رہے ہیں

نہ کوئی عالم نہ کوئی منظر، تھی ایک سکتے میں چشمِ حیرت
نقاب اُلٹ کر وہ آگئے ہیں تو آئنے گُنگُنا رہے ہیں

یہ کس نے چھیڑا ہے سازِ اُلفت کہ اب حیا سے کسی کے رُخ پر
ہزارہا رنگ آرہے ہیں ، ہزارہا رنگ جا رہے ہیں

چمن کو ہم چھوڑ آئے اخگرؔ ہیں اشک رنگیں تو چشم تر میں
برس رہی ہیں ہماری آنکھیں صلہ محبّت کا پا رہے ہیں

٭ ٭ ٭

کُو بہ کُو کیوں عشق رُسوا بھی نہیں ہم نے اس بارے میں سوچا بھی نہیں

اس قدر پھیلا تمنّا کا حصار دل کو اب تیری تمنّا بھی نہیں

زندگی اس سے عبارت ہو گئی ایک وہ لمحہ جو گُزرا بھی نہیں

کارِ دنیا ہے ہمیں پر منحصر اُٹھ گئے گر ہم تو دنیا بھی نہیں

جس قدر ہنگامۂ محفل ہے اب اس قدر ہم لوگ تنہا بھی نہیں

شوقِ اظہارِ تمنّا درکنار اب تو احساسِ تمنّا بھی نہیں

یہ بھی ہو شاید کوئی کارِ بہار شاخ پر اب ایک پتّا بھی نہیں

اِک تبسّم ہی پہ ہو جائے تمام دل کا سودا اتنا سستا بھی نہیں

ٹوٹ کر کتنے سِتارے گِر گئے آپ نے دامن تو جھٹکا بھی نہیں

اُس سے اخگرؔ اب ہے اتنا واسطہ 'مُدّتیں گزریں کہ دیکھا بھی نہیں '

٭ ٭ ٭

تکمیلِ جنوں تنہا تو کسی منصور سے ہو سکتی ہی نہیں
میں کیا اور میری بساط ہی کیا میری تو کوئی ہستی ہی نہیں

احساسِ گُماں ، امکانِ یقیں ، سب کچھ ہے مگر ہستی نہیں
کچھ اتنی ملی ہیں تعبیریں اب خواب کوئی باقی ہی نہیں

آدابِ نظر بھی عائد ہیں ، دستورِ زباں بندی ہی نہیں
اس بزم میں ہم کیا بات کریں ، جب بات کوئی بنتی ہیں نہیں

بے معنی ہے ،لاحاصل ہے ، وہ بات جو ہو سکتی ہی نہیں
جب تیری تمنّا کر نہ سکے پھر کوئی تمنّا کی ہی نہیں

اس بات پہ ہے وہ ہم سے خفا، کیوں ترکِ تمنّا کر بیٹھے
ہم ترکِ تمنّا کیا کرتے ، جب کوئی تمنّا کی ہی نہیں

تبدیلیِ رنگِ فسانہ کی تجویز مناسب ہے لیکن
مضمون بھی سارا بدلے گا، سرکار فقط سُرخی ہی نہیں

سوچا تھا فسانے کی سُرخی اشکوں سے میں اُس کے دامن پہ لکھوں
اب دل کا یہ عالم ہے اخگرؔ اک بُوند لہو باقی ہی نہیں

٭ ٭ ٭

من مندر ہے تیرا سنِگھاسن تو بُت ہے سنسار برہمن

پیار کی آگ اور یاد کا ایندھن پھونک رہے ہیں نفس کا راون

آشا آشا درپن درپن کس کو ڈھونڈنے نکلی جوگن

پریم نگر کے جوگی من کا دھن والوں سے کیا سمبندھن

من کو چھوڑ گھروں کی پوجا دیوانے ہیں شیخ و برہمن

آن کی آن میں ہوتے دیکھا گلشن صحرا، صحرا گلشن

کون بھلا اس من میں سمائے آن بسیں جس میں من موہن

سانپ سمان ہیں دھرتی والے من کالا اور تن ہے چندن

پریم بسائے تن من اخگرؔ پریم بِنا بے کار ہیں تن من

٭ ٭ ٭

کم ہیں ایسے جو سُوئے دار نکل جاتے ہیں
بیشتر لوگ اُن آنکھوں سے بہل جاتے ہیں

اُن کو رکھتے ہیں کبھی دل میں کبھی آنکھوں میں
مے وہی رہتی ہے پیمانے بدل جاتے ہیں

کوئی نظروں سے جو گر جائے تو اٹھتا ہے کہاں
اشک تو پھر بھی سنبھالے سے سنبھل جاتے ہیں

رُخ ہواؤں کا بدلتے ہوئے دیکھیں جو ذرا
ناخداؤں کے ارادے بھی بدل جاتے ہیں

جب بھی اُس زلفِ پریشاں کی ہوا آتی ہے
لوگ خوشبو کی طرح گھر سے نکل جاتے ہیں

حسرتیں دل میں ہیں اتنی کہ نکلتی ہی نہیں
آج جاتے ہیں یہ مہمان نہ کل جاتے ہیں

اس کی شیرینیِ لب کی جو کروں بات اخگرؔ
سارے الفاظ مِرے شہد میں ڈھل جاتے ہیں

٭ ٭ ٭

ترے ہاتھ تیغِ جفا چاہتا ہوں مِرا قرض بھی ہو ادا چاہتا ہوں

بقدرِ طلب حوصلہ چاہتا ہوں تجھے اک نظر دیکھنا چاہتا ہوں

فنا چاہتا ہوں مگر تیرے ہاتھوں بہ الفاظِ دیگر بقا چاہتا ہوں

تجھے حدِّ احساس سے دور کر کے تِرے قرب کی انتہا چاہتا ہوں

بڑی سر پھری ہے ہوائے مُحبّت تِری زلف سے مشورہ چاہتا ہوں

نہ رک میری آنکھوں میں اے چھُپنے والے تجھے اپنے دل تک رسا چاہتا ہوں

بنیں لاکھ اخگرؔ وہ انجان لیکن وہ سب جانتے ہیں میں کیا چاہتا ہوں

٭ ٭ ٭

ہے وہ زخمِ تمنّا کہ دکھا بھی نہ سکوں
اور چاہوں جو چھُپانا تو چھُپا بھی نہ سکوں

اپنی حیرت کا سماں تُجھ کو دکھا بھی نہ سکوں
آئنہ بن کے تِرے سامنے آ بھی نہ سکوں

میرے ہونٹوں کے تبسّم پہ نہ جائے دنیا
اب وہ کیفیتِ غم ہے کہ چھُپا بھی نہ سکوں

بوالہوس ہوتے ہیں کتنے یہ زمانے والے
میں تو جی بھر کے تِرے ناز اُٹھا بھی نہ سکوں

وہ سِتارے غم ِ حالات نے بخشے ہیں مُجھے
جن ستاروں کو میں پلکوں پہ سجا بھی نہ سکوں

شدّتِ شوق حدِ شوق سے آگے ہے بہت
اب تمنّا کو میں آنکھوں میں ُچھپا بھی نہ سکوں

لوگ ہر آن بدل لیتے ہیں چہرے اخگرؔ
آئنہ چاہوں دکھانا تو دکھا بھی نہ سکوں

٭ ٭ ٭

آپ کو مُجھ سے مُحبّت تو نہیں اس فسانے میں حقیقت تو نہیں

ہوس آلود ہے دامانِ وفا یہ تجارت ہے مُحبّت تو نہیں

میں نے اس بُت کو خُدا مان لیا بے بسی ہے یہ قناعت تو نہیں

اُن کی آنکھوں میں یہ آنسو کیسے دل دُکھانا میری فطرت تو نہیں

صبر آ جائے گا آتے آتے دل کا جانا ہے قیامت تو نہیں

آئنے میں ہے فقط آپ کا عکس آئنہ آپ کی صورت تو نہیں

نم ہوئیں کس لیے آنکھیں اخگرؔ آرزو حرفِ ندامت تو نہیں

٭ ٭ ٭

گُل رنگ دیکھتا ہوں جو دل اور جگر کو میں
اب داد دے رہا ہوں تمہاری نظر کو میں

کیوں آفریں کہوں نہ مذاقِ سفر کو میں
پہچاننے لگا ہوں تِری رہگزر کو میں

آئینہ چُور چُور کیا کِس نگاہ نے یہ بات کیا بتاؤں اک آئینہ گر کو میں

پُوچھے ہے اِبتدائے محبّت کے واقعات اب کس لیے حلول کروں چارہ گر کو میں

بُجھنے لگا ہے دشت کی ویرانیوں کا رنگ
ایسے میں لوٹ جاؤں نہ کیوں اپنے گھر کو میں

ہر شے پہ ہے محیط جہاں تک تِرا جمال
محسوس کر رہا ہوں وہیں تک نظر کو میں

اخگرؔ نہ بھول جائیں وہ درسِ وفا کہیں
دُہرا رہا ہوں سلسلۂ چشمِ تر کو میں

٭ ٭ ٭

میں وُسعتِ دامانِ نظر دیکھ رہا ہوں
تیرا ہی سراپا ہے جدھر دیکھ رہا ہوں

انجامِ تمنّائے نظر دیکھ رہا ہوں دنیا کو میں با دیدۂ تر دیکھ رہا ہوں

!میری نگۂ شوق کی پرواز تو دیکھو
کوئی نہیں موجود مگر دیکھ رہا ہوں

تنہائی کا ایک دشت ہے بس حدِّ نظر تک
لایا ہے کہاں مُجھ کو سفر دیکھ رہا ہوں

ہر زخم ہے مہتاب ہر اک ذرّہ ہے خورشید
حیرت سے تِری راہ گزر دیکھ رہا ہوں

وہ چشمِ کرم لَوٹ رہی ہے مِری جانب اِک خواب بہ اندازِ دگر دیکھ رہا ہوں

حیرت ہے کہ اخگرؔ میں سرِ بزمِ سُخن بھی
بے مائیگیِ اہلِ ہُنر دیکھ رہا ہوں

٭ ٭ ٭

زخموں کے تازہ پھول کھلائے بہار میں
اتنی سکت کہاں ہے دلِ بے اختیار میں

جائیں گے اہلِ عشق ہتھیلی پہ سر لیے
اب اہتمامِ دار بھی ہے کوئے یار میں

آنکھوں نے خونِ دل سے عجب رنگ بھر دیا پیراہنِ حیات کے نقش و نگار میں

تم کیا گئے کہ فطرتِ موسم بدل گئی اب کے تو صرف زخم کھِلے ہیں بہار میں

جلتے ہوئے چراغ مہکتا ہوا وجود کیا کیا خیال آئے شبِ انتظار میں

اُس کے حضور کارِ مُحبّت بھی ہیچ ہے دل کس شمار میں ہے نظر کس شمار میں

اخگرؔ نظر بچا کے وہ گزرے ہیں بار ہا
پھر بھی کمی نہیں ہے مِرے اعتبار میں

٭ ٭ ٭

زخم اس نظر کا قابلِ شرح و بیاں کہاں
اظہار اگر کریں بھی تو مُنہ میں زباں کہاں

یارو وہ ابتدائے مُحبّت کی بات تھی اب انتہا میں آنکھ سے آنسو رواں کہاں

اُس نے کیا ہے قتل مگر کس ہُنر کے ساتھ
دامن پہ اُس کے میرے لَہُو کے نشاں کہاں

تیرا خیال، تیری طلب، تیری آرزو اُلجھا ہوا ہے تارِ رگِ جاں کہاں کہاں

میں حُسنِ بے مثال کو جی بھر کے دیکھتا
آئینہ آگیا ہے ، مِرے درمیاں کہاں

پل بھر نہ بجلیوں کے مُقابل ٹھہر سکے
اتنا بھی کم سَواد مِرا آشیاں کہاں

رنگِ فراق و وصل ہے اخگرؔ جُدا جُدا
رہتے ہیں ساتھ ساتھ بہار و خزاں کہاں

٭ ٭ ٭

جو لکیریں اُن کے ماتھے پر نمایاں ہو گئیں
وہ مِرے دل کے تعلّق سے رگِ جاں ہو گئیں

میرے حق میں اور بھی کُچھ دشمنِ جاں ہو گئیں
وہ نگاہیں جو سرِ محفل پشیماں ہو گئیں

ہیں شریعت میں مُحبّت کی وہ حرفِ ناروا
جو اُمّیدیں اشک بن بن کر نُماِیاں ہو گئیں

اُن نگاہوں کی کوئی تشریح ممکن ہی نہیں
کُفر کی حد سے بڑھیں اتنی کہ ایماں ہو گئیں

کُنجِ خلوت میں نہاں تھیں دل کی جو بیتابیاں
آپ کی محفل میں جب آئیں غزل خواں ہو گئیں

اللہ اللہ ان نگاہوں کی اداؤں کا مزاج
خود ہی آئینہ اٹھایا خود ہی حیراں ہو گئیں

صبح اخگرؔ شام سے بڑھ کر گلے ملنے لگی
اُس کی زلفیں جب مِرے رُخ پر پریشاں ہو گئیں

٭ ٭ ٭

اشک پلکوں پہ جو ہمارے ہیں رات کے آخری ستارے ہیں

زخم ہیں ، پھول ہیں ، ستارے ہیں سب یہ بخشے ہوئے تمہارے ہیں

اُن کو پوچھے کوئی مِرے دل سے کتنے سادہ ہیں ، کتنے پیارے ہیں

پاؤں کے آبلوں کو مت چھیڑو دشتِ پُر خار کے سہارے ہیں

اِک تبسّم سے کیا ہو اندازہ لوگ کتنے غموں کے مارے ہیں

دن وہ پھولوں کو بھی نصیب نہیں ہم نے کانٹوں پہ جو گزارے ہیں

کیا قیامت بپا ہو اے اخگرؔ وہ جو کہہ دیں کہ ہم تمہارے ہیں

٭ ٭ ٭

شکستہ دل کسی کا ہو، ہم اپنا دل سمجھتے ہیں
تِرے غم میں زمانے بھر کے غم شامل سمجھتے ہیں

ہوئی ہیں اس قدر آسانیوں سے مشکلیں پیدا
ہر آسانی کو ہم اپنی جگہ مشکل سمجھتے ہیں

وہ خود دیکھے مگر اس کو کوئی نہ دیکھنے پائے
تِرا انداز ہم اے پردۂ حائل سمجھتے ہیں

کسی کا ہاتھ زخموں پر، کِسی کا ہاتھ گردن میں
مسیحا کون ہے ، اور کون ہے قاتل، سمجھتے ہیں

حدِ دل سے تو باہر درد تیرا ہو نہیں سکتا
جہاں تک درد ہے تیرا وہیں تک دل سمجھتے ہیں

مجالِ دید کی مُہلت نہ دیں لیکن یہ کیا کم ہے
وہ ہم کو اپنی بزمِ ناز کے قابل سمجھتے ہیں

تعیّن حُسنِ مقصد کا نہیں اُس کے سِوا کوئی
ٹھہر جائیں جہاں ہم بس اُسے منزل سمجھتے ہیں

کہاں تک ہم مُسلسل رُخ بدلتے جائیں کشتی کا
وہی طوفاں نکلتا ہے ، جسے ساحل سمجھتے ہیں

انہیں فُرصت کہاں ، یہ بھی غنیمت جانیے اخگرؔ
کہ وہ دل کو کسی تعزیر کے قابل سمجھتے ہیں

٭ ٭ ٭

جو سانس ہے ، زنجیر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں
غم کتنا ہمہ گیر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں

کیا وقت چھُپائے گا لَہُو اہلِ چمن کا
ہر پھول پہ تحریر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں

جو آپ نے پھینکا نہیں اب تک، مِرے دل میں
پیوست وہی تِیر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں

مانا کہ ہمہ رنگ سہی، پھر بھی تِرا حُسن
تصویر ہی تصویر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں

دیوار گرائی گئی، ڈھائی گئی بُنیاد!
کیا جذبۂ تعمیر ہے میں دیکھ رہا ہوں

چڑھتے ہوئے سُورج کی سیاست کا فسانہ
ہر ذرّے پہ تحریر ہے میں دیکھ رہا ہوں

!ہر چند ہمہ گیر نہیں ذوقِ اسیری
ہر پاؤں میں زنجیر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں

تفویض ہے نظروں کو مِری عُقدہ کُشائی
جو زُلفِ گِرہ گیر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں

پیشانیِ خورشید ہے جس نام کی تختی
ذرّوں پہ بھی تحریر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں

کیا کیا نہِیں کہتی ہے ، مِری چشمِ تمنّا
یہ لائقِ تعزیر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں

جاگا ہوا ہوں مگر اب بھی وہی رات ہے اخگرؔ
کیا خواب کی تعبیر ہے ، میں دیکھ رہا ہوں
٭٭٭

شکستہ دل کسی کا ہو، ہم اپنا دل سمجھتے ہیں
تِرے غم میں زمانے بھر کے غم شامل سمجھتے ہیں

ہوئی ہیں اس قدر آسانیوں سے مشکلیں پیدا
ہر آسانی کو ہم اپنی جگہ مشکل سمجھتے ہیں

وہ خود دیکھے مگر اس کو کوئی نہ دیکھنے پائے
تِرا انداز ہم اے پردۂ حائل سمجھتے ہیں

کسی کا ہاتھ زخموں پر، کِسی کا ہاتھ گردن میں
مسیحا کون ہے ، اور کون ہے قاتل، سمجھتے ہیں

حدِ دل سے تو باہر درد تیرا ہو نہیں سکتا
جہاں تک درد ہے تیرا وہیں تک دل سمجھتے ہیں

مجالِ دید کی مُہلت نہ دیں لیکن یہ کیا کم ہے
وہ ہم کو اپنی بزمِ ناز کے قابل سمجھتے ہیں

تعیّن حُسنِ مقصد کا نہیں اُس کے سِوا کوئی
ٹھہر جائیں جہاں ہم بس اُسے منزل سمجھتے ہیں

کہاں تک ہم مُسلسل رُخ بدلتے جائیں کشتی کا
وہی طوفاں نکلتا ہے ، جسے ساحل سمجھتے ہیں

انہیں فُرصت کہاں ، یہ بھی غنیمت جانیے اخگرؔ
کہ وہ دل کو کسی تعزیر کے قابل سمجھتے ہیں

٭ ٭ ٭

کُنجِ قفس میں فِکرِ نشیمن اور مِری صیّاد سے اَن بَن

محرومی سی محرومی ہے کوئی ہمارا دوست نہ دشمن

ضبطِ جنوں کی خیر ہو یارب صبر کا چھُوٹا جائے ہے دامن

پھول بہت تھے لیکن میں نے کانٹوں سے الجھایا دامن

فکر و نظر کے وارث ٹھہرے فہم سے عاری عقل کے دشمن

میری تن آسانی نے رکھّا اپنے قفس کا نام نشیمن

سہل نہیں ہے نظمِ گُلستاں 'لاکھ بلائیں ، ایک نشیمن'

ُوسعتِ صحرا دیکھ کے اکثر ذہن میں اُبھرا گھر کا آنگن

خوب ہے یہ آئینہ خانہ آپ کی صورت اپنے درشن

شدّتِ غم سے خشک ہیں آنکھیں صحراؤں میں جذب ہے ساون

پھُول بہت ہیں ، اور میں اخگرؔ دیکھ رہا ہوں تنگیِ دامن ٭٭٭

وفا کو جو نہ سرا ہے وفا شعار نہیں
جو دل کا راز نہ جانے وہ راز دار نہیں

بہار میں ہوں تو اندیشۂ خزاں ہے محیط
خزاں میں ہوں تو کچھ اندیشۂ بہار نہیں

نفس کی آمد و شُد پر ہے انحصارِ حیات
نفس کی آمد و شُد کا ہی اعتبار نہیں

تِری عنایتِ پیہم کی آرزو ہے مگر تِری جفائے مُسلسل بھی ناگوار نہیں

یہ کس مقام پر لے آئی بے خودی دل کی کہ منتظر ہوں مگر کربِ انتظار نہیں

اُسے سُکون کا مفہوم ہی نہیں معلوم جو دل کسی کی محبّت میں بے قرار نہیں

گُلوں کے لب پہ تبسُّم اگر نہیں اخگرؔ تو یہ بہار کی توہین ہے بہار نہیں

٭ ٭ ٭

روشنی ہے عیاں عیاں یارو کون گُزرا کَشاں کَشاں یارو

آؤ جی بھر کے آج ہم رولیں کیسی پابندیِ فغاں یارو

اس چمن میں سبھی ہیں اہلِ زباں پر نہیں کوئی ہم زباں یارو

جرأتِ عرضِ مُدّعا کی تھی وہ نہ سمجھے مِری زُباں یارو

سُنتے ہیں جشنِ برق تھا کل رات کیا ہوا میرا آشیاں یارو

ہم تو سمجھے تھے جل کے راکھ ہوا دل سے شب بھر اٹھا دھواں یارو

وہ ہمیں میں تھا اور ہم اُسکو ڈھونڈ آئے کہاں کہاں یارو

آسماں سے زمیں کیسے ملے وہ کہاں اور میں کہاں یارو

حالِ اخگرؔ، پہ غور فرمائیں اتنی فرصت انہیں کہاں یارو

٭ ٭ ٭

توڑ کر جوڑ دیا کرتے ہو، کیا کرتے ہو
دِل پہ یُوں مشقِ جفا کرتے ہو، کیا کرتے ہو

رازِ دل فاش کیا کرتے ہو، کیا کرتے ہو
نام سے میرے حیا کرتے ہو، کیا کرتے ہو

روز اقرارِ وفا کرتے ہو، کیا کرتے ہو
زخمِ دل پھر سے ہرا کرتے ہو، کیا کرتے ہو

تم سے منسوب ہے اِک عہدِ وفا کا اِقرار
تم بھی توہینِ وفا کرتے ہو، کیا کرتے ہو

شیشۂ دل کے برتنے کا سلیقہ دیکھو تم تو بس توڑ دیا کرتے ہو، کیا کرتے ہو

شوق کو پہلے ذرا حد سے سِوا ہونے دو
درد کو حد سے سِوا کرتے ہو، کیا کرتے ہو

عشوۂ جاں طلبی مُوردِ الزام نہ ہو
مجھ سے کہتے رہو، کیا کرتے ہو،کیا کرتے ہو

ہر گھڑی اُس لبِ شیریں کا تصوّر اخگرؔ
تلخ جینے کا مزا کرتے ہو، کیا کرتے ہو

٭ ٭ ٭

تم خُود ہی محبّت کی ہر اِک بات بھُلا دو
پھر خود ہی مجھے ترکِ محبّت کی سزا دو

ہمّت ہے تو پھر سارا سمندر ہے تمہارا ساحل پہ پہنچ جاؤ تو کشتی کو جلادو

اقرارِ محبّت ہے نہ اِنکارِ محبّت تم چاہتے کیا ہو، ہمیں اتنا تو بتا دو

کھُل جائے نہ آنکھوں سے کہیں رازِ محبّت
اچھّا ہے کہ تم خود مُجھے محفل سے اُٹھا دو

سچّائی تو خود چہرے پہ ہو جاتی ہے تحریر
دعوے جو کریں لوگ تو آئینہ دکھا دو

انسان کو انسان سے تکلیف ہے اخگرؔ انسان کو تجدیدِ مُحبّت کی دُعا دو

م پر وہ مہرباں ہیں ، مگر کس ادا کے ساتھ
ترکِ سِتم بھی کرتے ہیں ، ترکِ وفا کے ساتھ

اِحساسِ حُسن، شرمِ جفا، اعترافِ شوق
ہیں کتنے رنگ اِک تِرے رنگِ حیا کے ساتھ

تیرے سِوا ہوئی جو کسی اور کی طلب
تاثیر اُٹھ گئی، مِرے دستِ دُعا کے ساتھ

اُس کی خبر نہیں ہے تُجھے ، اے سُبُک خِرام
منزل بھی چل رہی ہے تِرے نقشِ پا کے ساتھ

کیا جانے کس کے دوش پہ وہ زُلف کھُل گئی
خوشبو سی ایک آئی ہے بادِ صبا کے ساتھ

ہر اہلِ دل شریک ہے ، اس کارِ خیر میں
کتنوں کے جُرم ہیں مِرے جُرمِ وفا کے ساتھ

اخگرؔ یہ رہرووں کی سیاست تو دیکھیے
رہزن کے ساتھ ہیں تو کبھی رہنما کے ساتھ

٭ ٭ ٭

ماخذ:
http://akhgars.blogspot.com/2009/06/fireworks-index.html
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

چراغاں