دین و مذہب

حجِ اکبر

مصنف: منٹو
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (10,968 الفاظ)

حج سے متعلق اہم فتاوے (ماخوذ از: فتاویٰ ارکان اسلام )

فتاوی مہمۃ تتعلق بالحج (مقتبسۃ من فتاوی أرکان الإسلام)
( باللغۃ الأردیۃ)
تالیف
سماحۃ الشیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن بازؒ
سابق مفتی اعظم سعودی عرب
جمع وترتیب
محمدبن شایع بن عبد العزیز الشایع حفظہ اللہ
ترجمۃ
ابوالمکرم بن عبد الجلیلؒ عتیق الرحمن اثری حفظہ اللہ
مراجعۃ (نظر ثانی)
شفیق الرحمن ضیا ء اللہ مدنی

نشر و اشاعت
دفتر تعاون برائے دعوت و ارشاد (شعبہ بیرونی شہربان)
سلطانہ۔ ریاض۔ سعودی عرب
الناشر
المکتب التعاونی للدعوۃ والإرشاد وتوعیۃ الجالیات بسلطانۃ
الریاض المملکۃ العربیۃ السعودیۃ

  سوال 1

حج کے تین اقسام کون کون سے ہیں اور ہر ایک کی ادائیگی کا طریقہ کیا ہے ؟ نیز ان تین اقسام میں سب سے افضل حج کون سا ہے ؟

جواب

اہل علم رحمۃ اللہ علیہم نے حج کی تین قسمیں بیان کی ہیں ، اور ان میں سے ہرقسم رسول اللہ ؐ کی صحیح احادیث سے ثابت ہے۔
پہلی قسم :یہ ہے کہ صرف عمرہ کا احرام باندھے، یعنی عمرہ کی نیت کرے اور (اللہم لبیک عمرۃ ) یا (لبیک عمرۃً)یا (اللہم إنی أوجبتُ عمرۃً) کہ کر تلبیہ پکارے، مشروع یہ ہے کہ غسل کرنے، خوشبو لگانے اور ضرورت ہو تو مونچھ کاٹنے، ناخن تراشنے اور بغل کے اور زیر ناف کے بال صاف کرنے، نیز اگر احرام باندھنے والا مرد ہو تو سلے ہوئے کپڑے اتار کر احرام کے کپڑے چادر اور تہبند پہننے کے بعد نیت کی جائے اور مذکورہ کلمات کہے جائیں ، یہی افضل ہے۔
عورت کے لئے احرام کے تعلق سے کوئی خاص لباس نہیں ، بلکہ وہ جس لباس میں چاہے احرام باندھ سکتی ہے، ہاں افضل یہ ہے کہ وہ لباس جاذب نظر، حسین و جمیل اور دیکھنے والوں کے لئے باعث فتنہ نہ ہو، یہی اس کے لئے افضل ہے۔
احرام باندھتے وقت مرد یا عورت (اللہم لبیک عمرۃً) کہنے کے بعد اگر یہ کہ لے کہ "اگر مجھے کوئی عذر پیش آ گیا تو جس جگہ عذر پیش آئیگا میں وہیں حلال ہو جاؤں گا" یا یہ کہے کہ " اے اللہ ! میرا یہ عمل قبول فرما" یا یہ کہے کہ "اے اللہ! اس عبادت کی تکمیل میں میری مدد فرما" تواس طرح کے الفاظ کہنے میں کوئی حرج نہیں ہے
اگر محرم نے مشروط احرام باندھا، یعنی احرام باندھتے وقت اس نے یہ کہا کہ " اگر مجھے کوئی عذر پیش آ گیا تو جس جگہ عذر پیش آئیگا میں وہیں حلال ہو جاؤں گا" یا اسی قسم کے کوئی اور لفاظ اس نے کہے، اور اسے واقعتاً کوئی ایسا عذر پیش آ گیا جو اتمام حج سے مانع ہے، تو وہ حلال ہو جائے گا اور اس پر کوئی چیز واجب نہیں ہو گی، کیونکہ ضباعہ بنت زبیر بن عبد المطلب نے رسول ؐ سے اپنے بیمار ہونے کی شکایت کی، تو آپ نے فرمایا
"حج کرو اور مشروط احرام باندھو کہ مجھے جہاں کوئی عذر پیش آ جائے گا میں وہیں حلال ہو جاؤں گی" (متفق علیہ)
لہذا اگر کوئی عورت عمرہ کے لئے مکہ آئے اور اسی طرح مشروط احرام باندھے، پھراسے حیض آ جائے اور ساتھ والے قافلہ کے انتظار نہ کرنے کی وجہ سے اپنے پاک ہونے تک اس کا مکہ میں قیام کرنا مشکل ہو، تو اس کے لئے یہ عذر تصور کیا جائے گا اور وہ حلال ہو جائے گی اسی طرح اگر کسی مرد کو کوئی مرض لاحق ہو گیا جو اتمام عمرہ سے مانع ہے، یا اس کے علاوہ کوئی بھی عارضہ لاحق ہو گیا جس کے سبب وہ اپنا عمرہ مکمل نہیں کرسکتا، تو وہ حلال ہو جائے گا یہی حکم حج کا بھی ہے جو حج کے مذکورہ بالا اقسام میں سے دوسری قسم ہے۔
دوسری قسم: یہ ہے کہ صرف حج کا احرام باندھے، یعنی حج کی نیت کرے اور (اللہم لبیک حجا) یا (لبیک حجا) یا (اللہم قد اوجبتُ حجّاً) کے الفاظ کے ساتھ تلبیہ پکارے، یہاں بھی عمرہ کی طرح مشروع کاموں ، مثلاً غسل کرنے، خوشبو لگانے اور سلے ہوئے کپڑے اتار کر احرام کے کپڑے پہننے وغیرہ، سے فارغ ہونے کے بعد یہ الفاظ اپنی زبان سے ادا کرے گا، جیساکہ عمرہ کے بیان میں اوپر مذکور ہو چکا ہے، یہی افضل ہے۔
مطلب یہ ہے کہ اس بارے میں حج کا حکم وہی ہے جو عمرہ کا ہے، کہ مسلمان مرد اور عورت احرام اس وقت باندھیں جب وہ اللہ کے مشروع کردہ کاموں سے فارغ ہو چکے ہوں ، مثلاً غسل کرنا، خوشبو لگانا اور اس قسم کی دیگر ضروریات جو احرام باندھنے سے پہلے مرد اور عورت کو پیش آسکتی ہیں۔
اگر ضرورت ہو تو جس طرح عمرہ کے لئے مشروط احرام باندھنا مشروع ہے اسی طرح حج کے لئے احرام باندھتے وقت بھی یہ کہہ سکتا ہے کہ " اگر مجھے کوئی ایسا عذر پیش آ گیا جو اتمام حج سے مانع ہو تو جس جگہ عذر پیش آیا میں وہیں حلال ہو جاؤں گا"
احرام کا میقات سے باندھنا واجب ہے، احرام باندھے بغیر میقات سے آگے نہیں جاسکتا، لہذا اگر کوئی نجد سے یا طائف سے یا مشرق کی طرف سے آئے تو اسے طائف کی میقات "سیل " (وادی قرن) سے احرام باندھنا ہو گا، اگر کوئی شخص میقات سے پہلے احرام باندھ لے تو یہ کفایت کر جائے گا لیکن میقات سے پہلے احرام نہ باندھنا افضل ہے، یعنی سنت یہی ہے کہ احرام پہلے نہ باندھے، بلکہ میقات پہنچنے تک موخر رکھے، کیونکہ رسول ؐ نے میقات ہی سے احرام باندھا تھا۔
کوئی شخص اگر اپنے گھر ہی سے غسل کر کے، خوشبو لگا کر اور دیگر مشروع کام مثلاً مونچھ کاٹنے وغیرہ سے فارغ ہو کر نکلے، یا موقع پاکرراستہ میں ان کاموں سے فارغ ہو جائے، تو یہ کفایت کر جائے گا بشرطیکہ احرام باندھنے کا وقت قریب ہو۔
جمہور اہل علم اس طرف گئے ہیں کہ احرام باندھنے سے پہلے دو رکعت نماز پڑھنا مستحب ہے، ان کی دلیل رسول اللہ ؐ کی یہ حدیث ہے جس میں آپ نے فرمایا
"میرے پاس میرے رب کا فرستادہ (فرشتہ) آیا اور کہا کہ اس مبارک وادی میں نماز پڑھو اور کہو : حج کے ساتھ عمرہ بھی۔ یعنی حج اور عمرہ کا ایک ساتھ تلبیہ پکارو(صحیح بخاری )
یہ واقعہ وادی ذو الحلیفہ میں پیش آیا تھا۔
نیز رسول اللہ ؐ نے ظہر کی نماز ادا کرنے کے بعد احرام باندھا تھا، اور یہ بھی اس بات کی دلیل ہے کہ نماز کے بعد احرام باندھنا افضل ہے۔
مذکورہ قول درست ہے، لیکن واضح رہے کہ احرام کی دو رکعت نماز کی مشروعیت پر کوئی واضح دلیل یا صحیح حدیث موجود نہیں ، اس لئے اگر کوئی شخص دو رکعت نماز پڑھ کر احرام باندھے تو اسمیں کوئی حرج نہیں ، اور اگر وضو کر کے دو رکعت تحیۃ الوضو پڑھ کر احرام باندھ لے تو بھی کافی ہے۔
تیسری قسم :یہ ہے کہ حج اور عمرہ کا ایک ساتھ احرام باندھے، یعنی حج اور عمرہ کی ایک ساتھ نیت کرے اور (اللہم لبیک عمرۃً وحجا) یا (حجا وعمرۃً) کہہ کر تلبیہ پکارے، یا میقات پر صرف عمرہ کا تلبیہ پکارے، پھرراستہ میں عمرہ کے ساتھ حج بھی شامل کر لے اور طواف شروع کرنے سے پہلے پہلے حج کا تلبیہ بھی پکار لے۔ اور حج کی یہ تیسری قسم "حج قران " کہلاتی ہے، جسکا مطلب حج اور عمرہ کا ایک ساتھ ادا کرنا ہے، نبی کریم ؐ نے حجۃ الوداع کے موقع پر"حج قران" ہی کا احرام باندھا تھا، اور عمرہ اور حج کا ایک ساتھ تلبیہ پکارا تھا، اور ہدی کے جانور اپنے ساتھ لائے تھے، جیساکہ انس اور ابن عمر رضی اللہ عنہم وغیرہم کی حدیث سے ثابت ہوتا ہے اس لئے ہدی کے جانورساتھ لانے والے کے لئے "حج قران "ہی افضل ہے، البتہ جو شخص ہدی ساتھ نہ لائے اس کے لئے "حج تمتع" (یعنی عمرہ سے حلال ہونے کے بعد حج کا احرام باندھنا) افضل ہے، نبی ؐ کے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے اور طواف اور سعی سے فارغ ہونے کے بعد یہی بات طے پائی، اور جن صحابہ نے حج قران یا حج افراد کا احرام باندھا تھا آپ نے انہیں حکم دیا کہ وہ اپنے احرام کو عمرہ سے بدل دیں ، چنانچہ انہوں نے طواف کیا، سعی کی، بال کٹوائے اور پھر حلال ہو گئے۔ اس سے ثابت ہوا کہ ہدی کا جانورساتھ نہ لانے والے کے لئے "حج تمتع " افضل ہے۔
حج قران یا افراد کا احرام باندھنے والا جب اپنے احرام کو مرہ سے بدل دے تو وہ متمتع شمار ہو گا، جس شخص نے حج افراد یا قران کی نیت کی ہو اور اس کے پاس ہدی کا جانور نہ ہو تو اس کے لئے مشروع یہ ہے کہ وہ طواف اور سعی کر کے اور بال کٹوا کر حلال ہو جائے اور متمتع بن جائے، جیساکہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے نبی ؐ کے حکم سے کیا تھا، نیز آپ ؐ نے فرمایا تھا
" جو بات مجھے بعد میں معلوم ہوئی وہ اگر پہلے معلوم ہو جاتی تو ہدی کا جانور میں ساتھ نہ لاتا اور اپنے احرام کو عمرہ سے بدل دیتا"
عمرہ کرنے والا اگر حج کا ارادہ نہیں رکھتا تو وہ صرف معتمر کہلائے گا، اسے متمتع بھی کہا جاسکتا ہے جیسا کہ بعض صحابہ کے کلام میں استعمال ہوا ہے، مگر فقہاء کی اصطلاح میں ایسا شخص جو موسم حج مثلاً شوال یا ذی قعدہ میں مکہ آئے اور عمرہ کر کے وطن واپس چلا جائے معتمر ہی کہلائے گا، ہاں اگر وہ حج کی نیت کر کے مکہ میں ٹھہر جائے تو متمتع شمار ہو گا، اسی طرح جو شخص رمضان میں یا کسی اور مہینہ میں عمرہ کے لئے مکہ آئے وہ بھی معتمر کہلائے گا، عمرہ کے معنی بیت اللہ کی زیارت کے ہیں۔
حاجی اس صورت میں متمتع کہلائے گا جب وہ رمضان کے بعد موسم حج میں عمرہ کرے اور پھر حج کی نیت سے مکہ میں ٹھہرا رہے اور حج کا وقت ہونے پر حج کرے، جیسا کہ اوپر بیان ہوا۔ اسی طرح جس نے حج قران کا احرام باندھا اور احرام کو فسخ کئے بغیر حج کے لئے احرام ہی کی حالت میں باقی رہا، وہ بھی متمتع کہلائے گا اور وہ اللہ تعالیٰ کے اس حکم کے ضمن میں شامل ہے
فَمَن تَمَتَّعَ بِالْعُمْرَۃ إِلَی الْحَجِّ فَمَا اسْتَیسَرَ مِنَ الَہدْی
(196) سورۃ البقرۃ
پس جو شخص عمرہ کو حج سے ملا کر تمتع کرنا چاہے تو جو میسرآئے قربانی کرے۔
اس آیت سے معلوم ہوا کہ قارن کو متمتع کہا جاسکتا ہے، نبی کریم ؐ کے اصحاب کے یہاں یہی بات معروف بھی تھی، چنانچہ ابن عمرؓ کی حدیث ہے کہ رسول ؐ نے عمرہ کو حج سے ملا کر تمتع فرمایا ہے، حالانکہ آپ نے حج قران کا احرام باندھا تھا۔ لیکن فقہاء کی اصطلاح میں متمتع وہ شخص ہے جو عمرہ کر کے حلال ہو جائے، پھر مثلاً 8/ذی الحجہ کو حج کا احرام باندھ کر حج کرے، اور اگر حج اور عمرہ کا احرام ایک ساتھ باندھے اور بیچ میں عمرہ کر کے حلال نہ ہو تو قارن کہلائے گا، لیکن اگر مطلب اور حکم واضح ہو تو اصطلاح میں کوئی جھگڑا نہیں۔
قارن اور متمتع دونوں کے احکام ایک ہیں ، چنانچہ دونوں کو ہدی قربان کرنی ہو گی، اور ہدی میسرنہ ہونے کی صورت میں تین دن ایام حج میں اور سات دن وطن واپس ہو کر( کل دس دن ) روزہ رکھنا ہو گا، اسی طرح ہر ایک کو متمتع بھی کہا جاسکتا ہے، البتہ صفا اور مروہ کے درمیان سعی کرنے میں دونوں کے احکام علیحدہ ہیں ، چنانچہ جمہور علماء کے نزدیک متمتع کو دو مرتبہ سعی کرنی ہو گی، ایک سعی طواف عمرہ کے ساتھ اور دوسری طواف حج کے ساتھ، جیساکہ ابن عباس ؓ کی حدیث سے ثابت ہوتا ہے، کہ جن صحابہ نے حج تمتع کیا تھا اور عمرہ کر کے حلال ہو گئے تھے انہوں نے دوبارہ سعی کی تھی، ایک طواف عمرہ کے ساتھ اور دوسری طواف حج کے ساتھ، اور یہی جمہور اہل علم کا مسلک ہے۔
البتہ قارن کے لئے صرف ایک سعی کافی ہے، یہ سعی اگر اس نے طواف قدوم کے ساتھ کر لی تو کافی ہے، اور اگر موخر کر کے طواف حج کے ساتھ کی تو بھی کافی ہے۔ یہی قول معتبر ہے اور جمہور اہل علم کا مسلک بھی یہی ہے، یعنی متمتع کو دو مرتبہ سعی کرنی ہو گی اور قارن کو صرف ایک مرتبہ، جسے وہ چاہے تو طواف قدوم کے ساتھ ہی کر لے اور یہی افضل بھی ہے، کیونکہ نبی ؐ نے ایسا ہی کیا تھا، یعنی آپ نے طواف کیا اور اس کے ساتھ ہی سعی بھی کر لی، اور آپ کا یہ طواف طواف قدوم تھا، کیونکہ آپ قارن تھے اور اگر چاہے تو سعی کو موخر کر کے طواف حج کے ساتھ کرے، اور یہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے بندوں کے لئے رحمت اور ایک طرح کی آسانی ہے، والحمد للہ۔
یہاں پر ایک مسئلہ اور ہے جس کے تعلق سے سوال اٹھ سکتا ہے، وہ یہ کہ متمتع اگر عمرہ کر کے سفر کر جائے تو کیا دم دینا (ہدی ذبح کرنا) اس سے ساقط ہو جائے گا ؟ تواس بارے میں علماء کے درمیان اختلاف ہے، ابن عباس ؓ کا معروف قول یہ ہے کہ متمتع سے دم دینا کسی بھی حال میں ساقط نہیں ہو گا، خواہ وہ اپنے اہل و عیال کے پاس سفر کر جائے یا کہیں اور ، کیونکہ متمتع پر دم واجب ہونے کے دلائل عام ہیں۔ اور اہل علم کی ایک جماعت کا خیال یہ ہے کہ متمتع اگر عمرہ سے فارغ ہو کر قصر کی مسافت تک سفر کر جائے، پھر حج کا احرام باندھ کر لوٹے تو وہ مفرد شمار ہو گا اور دم دینا اس سے ساقط ہو جائے گا۔
اہل علم کی ایک تیسری جماعت اس طرف گئی ہے کہ متمتع سے دم صرف اس صورت میں ساقط ہو گا جب وہ عمرہ سے فارغ ہو کر اپنے اہل و عیال کے پاس چلا جائے۔
یہی قول حضرت عمرؓ اور ان کے بیٹے عبد اللہ ؓ سے بھی مروی ہے کہ متمتع اگر عمرہ سے فارغ ہونے کے بعد سفر کر کے اپنے اہل و عیال کے پاس چلا جائے، پھر حج کے لئے واپس مکہ آئے، تو وہ مفرد شمار ہو گا اور اسے دم نہیں دینا ہو گا۔
لیکن اگر اہل و عیال کے پاس جانے کے علاوہ کہیں اور جائے، مثلاً عمرہ اور حج کے درمیان مدینہ چلا جائے یا جدہ یا طائف چلا جائے تو اس سفرکی وجہ سے وہ حج تمتع کے حکم سے باہر نہیں ہو گا۔
دلیل کی رو سے یہی آخری قول ہی زیادہ واضح اور صحیح معلوم ہوتا ہے، یعنی عمرہ اور حج کے درمیان اس قسم کے سفرکی وجہ سے متمتع "حج تمتع" کے حکم سے خارج نہیں ہو گا، بلکہ وہ متمتع شمار ہو گا اور اسے دم دینا ہو گا، بھلے ہی عمرہ سے فارغ ہونے کے بعد اس نے مدینہ یا جدہ یا طائف کا سفرکیا ہو۔
ہاں اس صورت میں وہ مفرد مان لیا جائے گا جب وہ سفر کر کے اپنے اہل و عیال کے پاس چلا جائے اور پھر میقات سے حج کا احرام باندھ کر مکہ لوٹے، جیساکہ حضرت عمرؓ اور ان کے بیٹے عبد اللہ ؓ کا قول ہے، کیونکہ بال بچوں کے پاس سفر کر جانے سے عمرہ اور حج کے درمیان تعلق باقی نہیں رہ جاتا۔
بہرحال، احتیاط اسی میں ہے کہ اختلاف سے بجتے ہوئے، جیسا کہ ابن عباس ؓ کا مسلک ہے، ہر صورت میں دم دے، بھلے ہی عمرہ کے بعد سفر کر کے وہ اپنے اہل و عیال کے پاس گیا ہو، اسی طرح جو لوگ قصر کی مسافت تک سفر کر جانے سے دم ساقط مانتے ہیں انکے نزدیک احتیاط اسی میں ہے کہ اختلاف سے بچتے ہوئے وہ دم دے اور پوری سنت ادا کرے، بصورت استطاعت یہی بہتر اور افضل ہے، اور دم دینے کی استطاعت نہ ہونے پر تین دن ایام حج میں اور سات دن وطن واپس ہو کر(کل دس دن) روزہ رکھے، جیساکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے
فَمَن تَمَتَّعَ بِالْعُمْرَۃ إِلَی الْحَجِّ فَمَا اسْتَیسَرَ مِنَ الٰۃدْی
(196) سورۃ البقرۃ
پس جو شخص عمرہ کو حج سے ملا کر تمتع کرنا چاہے تو جو میسرآئے قربانی کرے۔
اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد متمتع اور قارن سب کو شامل ہے، کیونکہ قارن کو بھی متمتع کہا جاتا ہے، جیساکہ اوپر مذکور ہو چکا ہے واللہ ولی التوفیق۔
 
سوال 2

ایک شخص نے حج کے کسی مہینہ مثلاً ذی القعدہ میں عمرہ کیا، پھر مکہ سے مدینہ چلا گیا اور حج کا وقت آنے تک وہیں ٹھہرا رہا، کیا ایسے شخص کے لئے حج تمتع کرنا ضروری ہے، یا اسے اختیار ہے کہ حج کی تین قسموں میں سے جو چاہے ادا کر لے ؟

جواب

ایسے شخص کے لئے حج تمتع کرنا ضروری نہیں ، اب اگر وہ چاہے کہ دوسرا عمرہ کر کے متمتع ہو جائے۔ ان لوگوں کے مسلک کے مطابق جو کہتے ہیں کہ سفر کرنے سے حج تمتع منقطع ہو جاتا ہے توایساکرسکتا ہے، اور اس نئے عمرہ کے ساتھ وہ متمتع ہو جائے گا، البتہ اگر اس نے مدینہ منورہ سے (احرام باندھ کر) عمرہ ادا کیا، پھر اس کے بعد حج کیا، تو تمام اہل علم کے نزدیک اس پر دم واجب ہو گا اور وہ متمتع مانا جائے گا لیکن اگر وہ چاہے کہ صرف حج کر کے واپس ہو جائے توایسا بھی کرسکتا ہے، لیکن اس صورت میں یہ اختلاف ہے کہ وہ ہدی قربان کرے گا یا نہیں ؟ ویسے صحیح یہی ہے کہ اسے ہدی قربان کرنی ہو گی، کیونکہ صحیح قول کے مطابق عمرہ کے بعد مدینہ جانے سے حج تمتع منقطع نہیں ہوتا۔
 
سوال 3

جو شخص حج یا عمرہ کا تلبیہ پکارنے کے بعد میقات سے آگے بڑھ گیا اور کوئی شرط نہیں باندھی، پھراسے کوئی عارضہ مثلاً مرض وغیرہ لاحق ہو گیا جو حج یا عمرہ کی ادائیگی سے مانع ہے، توایسی صورت میں اسے کیا کرنا چاہئے ؟

جواب

ایسا شخص محصر مانا جائے گا، اگر اس نے احرام کے وقت کوئی شرط نہیں باندھی تھی، پھراسے کوئی عارضہ پیش آ گیا جو حج یا عمرہ کی تکمیل سے مانع ہے، تو اگر وہ اس امید پر رک سکتا ہو کہ شاید یہ عارضہ دور ہو جائے اور وہ اپنا حج یا عمرہ مکمل کر لے تو رکا رہے گا، اور اگر اس کے لئے رکنا ممکن نہ ہو تو صحیح مسلک کے مطابق وہ محصر شمار ہو گا، اور محصر کے متعلق اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے
فَإِنْ أُحْصِرْتُمْ فَمَا اسْتَیسَرَ مِنَ الٰۃدْی
(196) سورۃ البقرۃ
اگر تم راستے میں روک دئے جاؤ تو جو ہدی میسرہو (قربانی کرو)۔
صحیح قول کے مطابق "احصار" دشمن کے ذریعہ بھی ہوتا ہے اور اس کے علاوہ بھی، لہذا جو شخص راستہ میں روک دیا جائے وہ ہدی قربان کرے اور حلق یا قصر کروا کر حلال ہو جائے، محصر کا یہی حکم ہے کہ وہ جس جگہ روکا گیا ہے وہیں ایک جانور قربان کرے، خواہ وہ حدود حرم میں ہویا اس سے باہر، اور اس کا گوشت وہیں کے فقراء میں تقسیم کر دے، اگر وہاں فقراء نہ ہوں تو وہ گوشت حرم کے فقراء کو یا بعض دیہات کے فقراء کو پہنچا دے، اور پھر حلق یا قصر کروا کر حلال ہو جائے، اور اگر قربانی کا جانورمیسرنہ ہو تو دس دن روزہ رکھے، پھر حلق یا قصر کروائے اور حلال ہو جائے۔

سوال 4

ایک شخص نے میقات سے احرام باندھا لیکن تلبیہ میں "لبیک عمرۃمتمتعا بہا الی الحج" کہنا بھول گیا، تو کیا حج تمتع پورا کرے گا ؟ اور عمرہ سے حلال ہونے کے بعد جب مکہ سے حج کا احرام باندھے تو اسے کیا کرنا ہو گا؟

جواب

مذکورہ شخص نے احرام باندھتے وقت اگر عمرہ کی نیت کی تھی لیکن تلبیہ پکارنا بھول گیا، حالانکہ اس کی نیت عمرہ کی تھی، تو وہ تلبیہ پکارنے والوں کے حکم میں ہے، چنانچہ وہ طواف اور سعی کرے، اور قصر کرائے اور پھر حلال ہو جائے، راستہ میں اسے تلبیہ پکارنا چاہئے، لیکن اگر نہیں پکارا تواس پر کوئی چیز واجب نہیں ، کیونکہ تلبیہ پکارنا سنت موکدہ ہے، لہذا وہ طواف کرے، سعی کرے، قصر کرائے اور اسے عمرہ بنا لے، کیونکہ اس کی نیت عمرہ کی تھی۔
لیکن اگر اس نے احرام کے وقت حج کی نیت کی تھی، اور وقت میں گنجائش ہو تو افضل یہ ہے کہ حج کو فسخ کر کے عمرہ بنا لے، اور طواف وسعی کرے، پھر قصر کرا کے حلال ہو جائے، اور اس کا حکم حج تمتع کرنے والوں کا حکم ہو گا، والحمد للہ۔


سوال5

کسی شخص نے اپنی ماں کی طرف سے حج کیا، اور میقات پراس نے حج کا تلبیہ بھی پکارا، لیکن ماں کی طرف سے نہیں پکارا، اس کا کیا حکم ہے ؟

جواب

مذکور شخص کا ارادہ جب اپنی ماں کی طرف سے حج کرنے کا تھا، لیکن تلبیہ کے وقت کہنا بھول گیا تو یہ حج ماں کا حج شمار ہو گا، کیونکہ نیت ہی زیادہ قوی مانی جاتی ہے۔
رسول اللہ ؓ کا ارشاد ہے :
"یقیناً اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے "
لہذا جب اس کے سفرکا مقصد ماں یا باپ کی طرف سے حج کرنا تھا، پھر احرام کے وقت ماں یا باپ کی طرف سے تلبیہ پکارنا بھول گیا، تو ماں یا باپ یا جس کی طرف سے بھی حج کرنے کی نیت تھی اسی کا حج شمار ہو گا۔
 
سوال 6

عورت کے لئے موزے اور دستانے میں احرام باندھنا کیساہے ؟ اور جس کپڑے میں وہ احرام باندھ چکی ہے کیا اس کا نکالنا جائز ہے ؟

جواب

عورت کے موزے یا جوتے میں احرام باندھنا افضل اور زیادہ پردے کا ذریعہ ہے، اور اگر کشادہ کپڑے میں احرام باندھ لے تو بھی کافی ہے، موزے پہن کر احرام باندھنے کے بعد اگر موزے اتار دے تواس میں کوئی حرج نہیں ، جس طرح کہ مرد جوتے پہن کر احرام باندھے، پھر جب چاہے جوتے اتار دے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
البتہ عورت دستانے میں احرام نہیں باندھ سکتی، کیونکہ محرم عورت کودستانے استعمال کرنے سے منع کیا گیا، اسی طرح اس کے لئے چہرے پر نقاب جیسے برقع وغیرہ ڈالنا بھی درست نہیں ، کیونکہ رسول اللہ ؓ نے اس سے منع فرمایا ہے، ہاں غیر محرم (اجنبی ) مردوں کی موجودگی میں نیز طواف اور سعی کے دوران اس کے لئے چہرے پر اوڑھنی ڈالنا یا پردہ کرنا ضروری ہے، عائشہ رضی اللہ عنہا کی حدیث ہے، وہ بیان کرتی ہیں کہ سوارہمارے پاس سے گزرتے تھے اور ہم لوگ رسول اللہ ؐ کے ساتھ تھے، پس جب سوارہمارے سامنے پہنچتے تو ہم میں سے ہر عورت اپنے سرسے پردہ گرا کر چہرہ ڈھک لیتی، اور جب وہ ہمارے پاس سے گزر جاتے تو ہم اپنے چہرے کھول لیتیں (سنن ابی داؤد وسنن ابن ماجہ)
مرد کے لئے احرام کی حالت میں خف (موزے ) کا پہننا جائز ہے، بھلے ہی وہ ٹخنوں کے نیچے سے کٹے ہوئے نہ ہوں ، جمہور کے نزدیک موزوں کا ٹخنوں کے نیچے سے کاٹ دینا ضروری ہے، لیکن صحیح بات یہ ہے کہ جوتے نہ ملنے کی صورت میں خفین (موزوں ) کا ٹخنوں کے نیچے سے کاٹنا ضروری نہیں ، کیونکہ رسول اللہ ؐ نے عرفہ میں لوگوں کو خطبہ دیا تو ارشاد فرمایا :
"جو تہبند نہ پائے وہ پائجامہ پہن لے، اور جو جوتے نہ پائے وہ خف(موزے ) پہن لے " (متفق علیہ)
اس حدیث میں رسول ؐ نے موزوں کو ٹخنوں کے نیچے سے کاٹنے کا حکم نہیں دیا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کاٹنے والا حکم منسوخ ہے واللہ ولی التوفیق۔

سوال 7

کیا احرام کی نیت زبان سے بول کرکی جائے گی؟ اور اگر کوئی شخص دوسرے کی طرف سے حج کر رہا ہو توکس طرح نیت کرے ؟

جواب

نیت کی جگہ دل ہے، اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ آدمی اپنے دل میں یہ نیت کرے کہ وہ فلاں شخص کی طرف سے، یا اپنے بھائی کی طرف سے، یا فلاں بن فلاں کی طرف سے حج کر رہا ہے، اس کے ساتھ ہی زبان سے ( اللہم لبیک حجا عن فلان )یا (لبیک عمرۃ عن فلاں ) کہنا مستحب ہے، یعنی اپنے باپ یا جس فلاں کی طرف سے حج کی نیت ہو اس کا نام لے، تاکہ دل کی نیت کو الفاظ کے ذریعہ موکد کر دے، کیونکہ رسول اللہ ؐ نے حج اور عمرہ کے الفاظ کے ساتھ نیت کی ہے، اس لئے آپ ؐ کی اتباع میں زبان سے حج اور عمرہ کی نیت کرنا مشروع ہے، اسی طرح صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے بھی آپ کے سکھلائے ہوئے طریقہ کے مطابق زبان سے نیت کی ہے، چنانچہ وہ بلند آوازسے تلبیہ پکارتے تھے، سنت یہی ہے، لیکن اگر کوئی شخص بلند آواز سے نیت نہ کرے اور صرف دل کی نیت پر اکتفا کر لے تو یہ بھی کافی ہے۔
دوسرے شخص کی طرف سے حج کرنے کی صورت میں آدمی اسی طرح اعمال حج ادا کرے گا جس طرح اپنی طرف سے حج کرتا ہے، وہ اسی طرح مطلق تلبیہ پکارے گا گویا اپنی طرف سے حج کر رہا ہو، فلاں یا فلاں کا نام ذکر کرنے کی ضرورت نہیں ، لیکن اگر وہ فلاں کا نام لینا چاہے تو شروع تلبیہ میں نام لینا افضل ہے، یعنی شروع شروع میں جب احرام باندھ رہا ہو اسوقت (لبیک حجا عن فلان )یا(لبیک عمرۃ عن فلاں ) یا (لبیک عمرۃ وحجا عن فلاں) کہے گا، اس کے بعد دیگر حجاج اور معتمرین کی طرح بالکل اسی طرح مسلسل تلبیہ پکارتا رہے گا گویا وہ اپنی طرف سے تلبیہ پکار رہا ہو۔
"لبیک اللہم لبیک، لبیک لا شریک لہ لبیک، إن الحمد والنعمۃ لک والملک، لاشریک لک، لبیک اللہم لبیک، لبیک الہ الحق لبیک"

سوال 8

جو شخص کسی کام سے مکہ آئے اور پھراسے حج کرنے کا موقع مل جائے، تو کیا وہ اپنی قیام گاہ سے احرام باندھے گا یا اسے حدود حرم سے باہر جانا ہو گا؟

جواب

جو شخص کسی ضرورت، مثلاً کسی قریبی سے ملاقات کرنے یا کسی مریض کی تیمار داری کرنے یا تجارت کی غرض سے مکہ آئے اور اس کا حج یا عمرہ کرنے کا ارادہ نہ رہا ہو، پھراسے موقع مل جائے اور وہ حج یا عمرہ کرنا چاہے تو حج کا جس جگہ مقیم ہے وہیں سے احرام باندھے گا، خواہ مکہ میں مقیم ہو یا مکہ کے مضافات میں اور جب عمرہ کرنا چاہے تو اس کے لئے سنت بلکہ واجب ہے کہ حدود حرم سے باہر مقام تنعیم یا جعرانہ یا کہیں اور جا کر وہاں سے عمرہ کا احرام باندھے، کیونکہ جب عائشہ رضی اللہ عنہا نے عمرہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تو آپ ؐ نے حکم دیا کہ وہ مقام تنعیم جا کر وہاں سے احرام باندھیں ، اور انکے بھائی عبد الرحمن سے فرمایا کہ وہ انہیں حدود حرم سے باہر مقام تنعیم یا کہیں اور لے جائیں۔ یہ مسئلہ اس شخص کے لئے ہے جو عمرہ کرنا چاہے اور جو حج کرنا چاہے وہ جس جگہ مقیم ہے وہیں سے احرام باندھ کر تلبیہ پکارنا شروع کر دے گا، خواہ وہ حدود حرم کے اندر مقیم ہو یا اس سے باہر، جیسا کہ اوپر مذکور ہوا۔

سوال 9

کیا احرام باندھتے وقت دو رکعت نماز پڑھنی واجب ہے ؟

جواب

احرام کے لئے دو رکعت نماز پڑھنا واجب نہیں ، بلکہ اس کے مستحب ہونے کے بارے میں علماء کا اختلاف ہے، چنانچہ جمہور کا مسلک یہ ہے کہ احرام باندھتے وقت دو رکعت نماز پڑھنا مستحب ہے، یعنی وضو کر کے اور دو رکعت نماز پڑھے، پھر احرام باندھے، ان کی دلیل یہ ہے کہ حجۃ الوداع کے موقع پررسول ؐ نے نماز کے بعد احرام باندھا تھا، یعنی آپ نے ظہر کی نماز ادا فرمائی اور اس کے بعد احرام باندھا، نیز آپ نے فرمایا :
"میرے پاس میرے رب کا فرستادہ (فرشتہ ) آیا اور کہا کہ اس مبارک وادی میں نماز پڑھو اور کہو: حج کے ساتھ عمرہ بھی " (یعنی حج اور عمرہ کا ایک ساتھ تلبیہ پکارو۔)
مذکورہ واقعہ اور حدیث احرام کی دو رکعت نماز کے مشروع ہونے کی دلیل ہے، جمہور اہل علم کا یہی مسلک ہے۔
اور بعض دیگر اہل علم کا خیال یہ ہے کہ احرام کی دو رکعت نماز کے بارے میں کوئی صریح دلیل موجود نہیں ، کیونکہ مذکورہ بالا حدیث میں آپ ؐ کا یہ ارشاد کہ " میرے رب کا فرستادہ(فرشتہ) آیا اور کہا کہ اس مبارک وادی میں نماز پڑھو" یہ احرام کی دو رکعت نماز کے بارے میں صریح دلیل نہیں ، بلکہ اس میں اس بات کا بھی احتمال ہے کہ فرض نمازوں میں سے کوئی نماز مراد ہو، اور آپ ؐ کا فرض نماز کے بعد احرام باندھنا احرام کی دو رکعت نماز کے مشروع ہونے کی دلیل نہیں ، بلکہ اس بات کی دلیل ہے کہ اگر کسی شخص کو نماز کے بعد حج یا عمرہ کا احرام باندھنے کا موقع ملے تو یہ افضل ہے۔

سوال 10

جس شخص کو احرام کے دوران یا نماز کو جاتے ہوئے مذی یا پیشاب کے قطرے نکلنے کا احساس ہو وہ کیا کرے ؟

جواب

بندۂ مومن کے لئے ضروری ہے کہ جب وہ اس قسم کی بات محسوس کرے اور نماز کا وقت بھی ہو تو پیشاب یا مذی سے استنجا کر کے وضو کر لے، مذی نکلنے کی صورت میں ذکر اور خصیتین کا دھلنا ضروری ہے، البتہ پیشاب نکلنے کی صورت میں صرف ذکر کا اتنا حصہ دھلنا ہو گا جہاں تک پیشاب کے قطرے لگے ہوں ، پھر اگر نماز کا وقت ہو تو وضو بھی کر لے، لیکن اگر نماز کا وقت نہ ہو تو اس کام کو نماز کا وقت ہونے تک موخر کر دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ واضح رہے کہ یہ سب کام محض وسوسہ کی بنیاد پر نہیں بلکہ یقین کی صورت میں کیا جائے گا، اگر بات صرف وسوسہ کی ہے تو اس کا کوئی اعتبار نہیں ہو گا۔ تاکہ بندہ وسوسوں میں مبتلا نہ رہے، کیونکہ بہت سے لوگ وسوسہ کا شکار ہوتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے پیشاب یا پائخانہ کے راستہ سے کوئی چیز خارج ہو گئی ہے، حالانکہ بات ایسی نہیں ہوتی، اس لئے نفس کو وسوسوں کا عادی نہیں بنانا چاہئے، بلکہ وسوسوں کوپس پشت ڈال دینا چاہئے تاکہ ان کا شکار نہ ہو، اور اگر اس طرح کا کوئی اندیشہ ہو ہی جائے تو وضو کے بعد شرم گا ہ کے ارد گرد پانی کا چھینٹا مار لے تاکہ وسوسوں کے شر سے محفوظ رہے۔

سوال 11

کیا دھلنے کے لئے احرام کے کپڑے تبدیل کرنا جائز ہے ؟

جواب

احرام کے کپڑے دھلنے میں کوئی حرج نہیں ، اسی طرح احرام کے کپڑے تبدیل کرنے اور ان کی جگہ دوسرے نئے یا دھلے ہوئے کپڑے پہننے میں کوئی حرج نہیں۔

سوال 12

نیت کرنے اور تلبیہ پکارنے سے پہلے احرام کے کپڑے میں خوشبو لگانا کیسا ہے ؟

جواب

احرام کے کپڑے چادر اور تہبند میں خوشبو لگانا درست نہیں ، ہاں بدن میں جیسے سر، داڑھی اور بغل وغیرہ میں خوشبو لگانا سنت ہے، کیونکہ رسول ؐ کا ارشاد ہے :
"محرم کو ئی ایسا کپڑا نہ پہنے جس میں زعفران یا ورس (کی خشبو) لگی ہو"
اس لئے نیت کرنے اور تلبیہ پکارنے سے پہلے صرف بدن میں خوشبو لگانا سنت ہے، کپڑوں میں نہیں ، اور اگر کسی نے کپڑوں میں خوشبو لگا لی تو وہ انہیں دھلے بغیر نہ پہنے، یا پھر انہیں بدل کردوسرے کپڑے استعمال کرے۔

سوال 13

جو شخص یوم ترویہ (8/ذی الحجہ) سے پہلے ہی سے منیٰ میں موجود ہواس کا کیا حکم ہے ؟ کیا احرام باندھنے کے لئے اس کا مکہ آنا ضروری ہے یا وہ منیٰ سے احرام باندھ لے ؟

جواب

جو شخص پہلے ہی سے منیٰ میں موجود ہو اس کے لئے الحمد للہ منیٰ ہی سے احرام باندھ لینا مشروع ہے، اسے مکہ آنے کی ضرورت نہیں ، بلکہ وقت ہونے پروہ اپنی قیام گاہ سے ہی حج کا احرام باندھ کر تلبیہ پکارنا شروع کر دے گا۔

سوال 14

کیا متمتع کے لئے تمتع کرنے کو کوئی متعین وقت ہے ؟ اور کیا وہ یوم ترویہ( 8ذی الحجہ) سے پہلے حج کا احرام باندھ سکتا ہے ؟

جواب

جی ہاں ! حج تمتع کا احرام باندھنے کے لئے ایک متعین وقت ہے، اور وہ ہے شوال اور ذی قعدہ کے دو مہینے اور ذی الحجہ کا پہلا عشرہ، اور یہی مدت اشہر حج (حج کے مہینے ) کہلاتی ہے، شوال شروع ہونے سے پہلے حج تمتع کا احرام نہیں باندھ سکتے، اور نہ ہی بقرہ عید کی رات کے بعد باندھ سکتے ہیں۔ متمتع کے لئے افضل یہ ہے کہ پہلے عمرہ کا احرام باندھے، تمتع کی یہی کامل صورت ہے، لیکن اگر حج اور عمرہ کا ایک ساتھ احرام باندھ لیا تو بھی متمتع کہلائے گا، اور قارن بھی ہو گا، اور دونوں صورتوں میں اسے دم دینا ہو گا،
جسے "دم تمتع" کہا جاتا ہے، اور وہ یا تو ایک کامل ذبیحہ ہو جو قربانی کے لئے درست ہو، یا اونٹ یا گائے کا ساتواں حصہ ہو(یعنی ایک اونٹ یا ایک گائے میں سات آدمی شریک ہوسکتے ہیں ) کیونکہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے :
(فَمَن تَمَتَّعَ بِالْعُمْرَۃ إِلَی الْحَجِّ فَمَا اسْتَیسَرَ مِنَ الٰۃدْی ) (196) سورۃ البقرۃ
پس جو شخص عمرہ کو حج سے ملا کر تمتع کرنا چاہے توجومیسرآئے قربانی کرے۔
اور اگر دم دینے سے قاہر ہے تو دس دن روزہ رکھے، تین دن ایام حج میں اور سات دن اپنے وطن واپس آنے کے بعد، اور اس روزہ کے لئے کسی مدت کی تحدید نہیں ، جیسا کہ پہلے مذکور ہو چکا ہے .
اگر اس شخص نے ماہ شوال کے شروع میں عمرہ کا احرام باندھا اور عمرہ کر کے حلال ہو گیا، تو اس عمرہ کے درمیان اور حج کا احرام باندھنے کے درمیان کی مدت 8/ذی الحجہ تک کافی طویل ہو جاتی ہے، اس لئے افضل یہ ہے کہ وہ 8/ذی الحجہ کو حج کا احرام باندھے، جیساکہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم۔ نے رسول اللہ ؐ کے حکم سے کیا تھا، چنانچہ جب صحابہ کرام حج افراد کا احرام باندھ کر آئے اور بعض صحابہ حج قران کا، تو آپؐ نے انہیں حکم دیا کہ( عمرہ کر کے ) حلال ہو جائیں ، البتہ جو لوگ "ہدی" ساتھ لائے ہیں وہ اپنے اپنے احرام میں باقی رہیں ، چنانچہ جن کے پاس "ہدی " کا جانور نہیں تھا انہوں نے طواف کیا، سعی کی اور قصر کرایا اور حلال ہو گئے، اور اس طرح سے وہ متمتع بن گئے، پھر یوم ترویہ یعنی 8/ ذی الحجہ کورسول اللہ ؐ نے انہیں حکم دیا کہ وہ اپنی اپنی قیام گاہوں سے حج کا احرام باندھ لیں ، اور یہی طریقہ افضل ہے لیکن اگر کسی نے 8/ذی الحجہ سے پہلے مثلاً یکم ذی الحجہ کو یا اس سے بھی پہلے حج کا احرام باندھ لیا تو یہ بھی کافی اور درست ہے، مگر افضل یہی ہے کہ 8/ذی الحجہ کو حج کا احرام باندھا جائے، جیساکہ صحابۂ کرام نے رسول اللہ ؐ کے حکم سے کیا تھا۔

سوال 15

جو شخص حج یا عمرہ کی نیت سے یا کسی اور غرض سے مکہ آئے اور بغیر احرام باندھے میقات سے آگے بڑھ جائے اس کا کیا حکم ہے ؟

جواب

جو شخص حج یا عمرہ کی نیت سے مکہ آئے اور بلا احرام باندھے میقات سے آگے بڑھ جائے اس کے لئے واپس آ کر میقات سے احرام باندھنا واجب ہے، کیونکہ رسول اللہ ؐ نے اسی کا حکم دیا ہے، جیسا کہ صحیح حدیث میں ہے کہ آپ نے فرمایا:
"مدینہ کے رہنے والے ذوالحلیفہ سے احرام باندھیں ، اور شام کے رہنے والے جحفہ سے، اور نجد کے رہنے والے قرن منازل سے، اور یمن کے رہنے والے یلملم سے "
نیز ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں :
"نبی ؐ نے اہل مدینہ کے لئے مقام ذوالحلیفہ کو میقات مقرر فرمایا ہے، اور اہل شام کے لئے جحفہ کو، اور اہل نجد کے لئے قرن منازل کو، اور اہل یمن کے لئے یلملم کو، اور فرمایا کہ مذکورہ مقامات ان علاقوں کے رہنے والوں کے لئے میقات ہیں ، اور ان لوگوں کے لئے بھی جو وہاں کے رہنے والے نہ ہوں مگر حج یا عمرہ کے ارادہ سے وہاں سے گزریں"
لہذا مکہ مکرمہ آنے والا اگر حج یا عمرہ کے ارادہ سے آ رہا ہے تو اس پر واجب ہے کہ جس میقات سے گزرے وہاں سے احرام باندھ کر گزرے، چنانچہ اگر مدینہ منورہ کے راستہ سے آ رہا ہے تو ذوالحلیفہ سے احرام باندھے، شام یا مصر یا مغرب کے راستہ سے آ رہا ہے تو مقام جحفہ (موجودہ وقت میں رابغ) سے، یمن کے راستہ سے آ رہا ہے تو یلملم سے، اور نجد یا طائف کے راستہ سے آ رہا ہے تو وادی قرن، جسے "قرن منازل" اور موجودہ وقت میں "سیل" کہا جاتا ہے اور بعض لوگ اسے "وادی محرم" بھی کہتے ہیں ، وہاں سے حج، یا عمرہ، یا حج و عمرہ کا احرام باندھے۔
جو شخص حج کے مہینوں میں مکہ آئے اس کے لئے افضل یہ ہے کہ صرف عمرہ کا احرام باندھے اور طواف، سعی اور قصر کر کے حلال ہو جائے، پھر جب حج کا وقت آئے تو حج کا احرام باندھے۔ اور اگر اشہر حج کے علاوہ کسی اور مہینے مثلاً رمضان یا شعبان میں میقات سے گزرے تو صرف عمرہ کا احرام باندھے، یہی مشروع ہے۔
اور اگر کسی دوسری غرض سے مکہ مکرمہ آئے، اور حج یا عمرہ کرنے کا اس کا ارادہ نہ ہو، بلکہ تجارت یا احباب و اقارب سے ملاقات یاکسی اور غرض سے آیا ہو، تو صحیح قول کے مطابق اس پر احرام باندھنا واجب نہیں ، بلکہ بلا احرام مکہ مکرمہ میں داخل ہوسکتا ہے، علماء کا یہی قول راجح ہے، اگر چہ اس کے لئے افضل یہ ہے کہ موقع کو غنیمت جانے اور عمرہ کا احرام باندھ کر مکہ میں داخل ہو اور عمرہ کر لے۔

سوال 16

محرم (احرام باندھنے والے ) کو اگر یہ خدشہ ہو کہ وہ کسی مرض یا خوف کے سبب اپنا حج یا عمرہ پورا نہیں کرسکے گا تو کیا کرے ؟

جواب

ایسا شخص احرام باندھتے وقت یہ کہ لے کہ اگر مجھے کوئی ایسا عارضہ پیش آ گیا جو حج یا عمرہ کے پورا کرنے سے مانع ہو، تو جہاں عارضہ پیش آئے گا میں وہیں حلال ہو جاؤں گا۔
کسی عارضہ مثلاً مرض وغیرہ کا خدشہ ہونے کی صورت میں مشروط احرام باندھنا سنت ہے، کیونکہ حدیث سے ثابت ہے کہ ضباعہ بنت زبیر بن عبد المطلب نے جب رسول ؐ سے اپنی بیماری کا تذکرہ کیا تو آپ نے انہیں یہی حکم دیا کہ مشروط احرام باندھیں۔

سوال 17

کیا عورت کسی بھی کپڑے میں احرام باندھ سکتی ہے ؟

جواب

جی ہاں ! عورت کسی بھی کپڑے میں احرام باندھ سکتی ہے، اس کے لئے احرام کا کوئی لباس مخصوص نہیں ، جیساکہ بعض عوام کا خیال ہے، البتہ افضل یہ ہے کہ وہ لباس خوبصورت اور جاذب نظر نہ ہوں ، کیونکہ اسے مردوں کے مابین اٹھنے بیٹھنے کا اتفاق پڑے گا، اس لئے اس کے لباس خوبصورت نہیں ہونے چاہئیں ، بلکہ عام لباس جیسے ہوں جس میں فتنہ کا اندیشہ نہ ہو۔ ویسے اگر وہ خوبصورت لباس میں احرام باندھ لے تو اس کا احرام درست ہے، مگر خوبصورت لباس سے دور رہنا ہی افضل ہے۔
مرد کے لئے دوسفید کپڑوں میں احرام باندھنا افضل ہے، جن میں ایک تہبند اور دوسری چادر، ویسے مرد اگر رنگین کپڑے میں احرام باندھ لے تو بھی کوئی حرج نہیں ، رسول اللہؐ سے آپ کا سبزچادرمیں طواف کرنا ثابت ہے، اسی طرح آپ کا کالا عمامہ باندھنا بھی ثابت ہے، حاصل کلام یہ ہے کہ رنگین کپڑے میں احرام باندھ لینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

سوال 18

فضائی راستہ (ہوائی جہاز) سے آنے والے حاجی اور معتمر احرام کب باندھیں ؟

جواب

فضائی راستہ (ہوائی جہاز) سے یا سمندری راستہ سے آنے والے حجاج و معتمرین بھی خشکی کے راستہ سے آنے والوں کی طرح میقات کے پاس سے احرام باندھیں ، یعنی فضا میں یا سمندرمیں جب میقات کے برابر پہنچیں تو احرام باندھیں ، یا ہوائی جہازاورسمندری جہاز یا کشتی کی تیز رفتاری کے پیش نظر احتیاطاً میقات سے تھوڑا پہلے ہی احرام باندھ لیں۔

سوال 19

جس شخص کی رہائش گاہ مکہ مکرمہ اور میقات کے درمیان ہو وہ احرام کہاں سے باندھے ؟

جواب

جس کی رہائش گاہ مکہ اور میقات کے درمیان ہو وہ اپنے گھر ہی سے احرام باندھے، جیسا کہ ام سلم کے لوگ اور اہل بحر ہ نیز جدہ میں رہنے والے اپنے گھروں سے احرام باندھتے ہیں ، کیونکہ ابن عباس ؓ کی حدیث ہے کہ نبی ؐ نے فرمایا :
" اور جو لوگ میقات کے اندر رہتے ہوں تو وہ جہاں سے روانہ ہوں وہیں سے احرام باندھیں "
اوردوسری روایت میں ہے :
" وہ اپنے گھر والوں کے پاس سے ہی احرام باندھیں ، یہاں تک کہ مکہ والے خود مکہ سے احرام باندھیں "

سوال 20

یوم ترویہ (8مذی الحجہ) کو حاجی کہاں سے احرام باندھیں ؟

جواب

یوم ترویہ کو حاجی صاحبان اپنی اپنی قیام گاہوں سے احرام باندھیں گے، جیساکہ حجۃ الوداع کے موقع پر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے نبی کریم ؐ کے حکم سے مقام "ابطح" میں اپنی اپنی قیام گاہوں سے احرام باندھا تھا، اسی طرح مکہ مکرمہ میں رہنے والے بھی اپنے گھروں سے احرام باندھیں گے، کیونکہ ابن عباسؓ کی روایت کردہ حدیث گزر چکی ہے، جس میں نبی ؐ کا یہ ارشاد مذکور ہے :
"جو لوگ میقات کے اندر رہتے ہوں وہ اپنے گھر والوں کے پاس سے ہی احرام باندھیں ، یہاں تک کہ اہل مکہ خود مکہ سے احرام باندھیں "(متفق علیہ)

سوال 21

ایک شخص کسی ملک سے حج کی نیت سے آیا اور جدہ ہوائی اڈہ پر اترا، لیکن میقات سے احرام نہ باندھ کر جدہ شہرسے احرام باندھا، اس کا کیا حکم ہے ؟

جواب

جدہ ہوائی اڈہ پر اترنے والا اگر ملک شام یا مصر کا باشندہ ہے تو وہ مقام "رابغ" سے احرام باندھے، یعنی کاریاکسی بھی سواری سے وہ "رابغ" اتر جائے اور وہاں سے احرام باندھ کر آئے، جدہ شہرسے احرام نہ باندھے۔
اور اگر نجد کے علاقہ سے آیا ہے اور احرام نہیں باندھا یہاں تک کہ جدہ پہنچ گیا، تو وہ مقام سیل یعنی وادی "قرن منازل" جائے اور وہاں سے احرام باندھے، اور اگر میقات واپس نہیں گیا اور جدہ ہی سے احرام باندھا تو اسے حج یا عمرہ کا نقص پورا کرنے کے لئے "دم " دینا ہو گا، اور دم جیسا کہ پہلے مذکور ہو چکا ہے یا تو ایک کامل بکری ہے جو قربانی کے لئے درست ہو، اسے مکہ میں ذبح کر کے فقراء میں تقسیم کرنا ہو گا، اور یا تو اونٹ یا گائے کا ساتواں (7/1) حصہ ہے۔

سوال 22

ایک شخص نے حج افراد کی نیت کی، پھر مکہ پہنچ کراس نے نیت بدل کر حج تمتع کی کر لی، چنانچہ عمرہ کیا اور پھر حلال ہو گیا، ایسے شخص کے بارے میں کیا حکم ہے ٍ؟ نیز وہ حج کا احرام کب اور کہاں سے باندھے ؟

جواب

مذکورہ شخص نے جو کیا وہی افضل ہے، چنانچہ محرم جب حج افراد کا یا حج قران کا احرام باندھ کر آئے تو اس کے لئے افضل یہ ہے کہ اس احرام کو عمرہ سے بدل دے، صحابۂ کرام جب نبی ؐ کے ساتھ حج کے لئے آئے، بعض نے حج افراد کا احرام باندھ رکھا تھا اور بعض نے حج قران کا، اور ان کے ساتھ "ہدی" کے جانور بھی نہیں تھے، تو آپ ؐ نے انہیں یہی حکم دیا کہ وہ اپنے احرام کو عمرہ سے بدل دیں ، چنانچہ انہوں نے طواف اور سعی کی، اور بال کٹوائے اور پھر حلال ہو گئے، البتہ جس کے ساتھ "ہدی" کا جانور ہو وہ اپنے سابقہ احرام میں باقی رہے، یہاں تک کہ عید کے دن (10/ذی الحجہ کو) قارن ہونے کی صورت میں حج اور عمرہ دونوں سے ایک ساتھ، اور مفرد ہونے کی صورت میں صرف حج سے فارغ ہو کر حلال ہو۔
حاصل یہ ہے کہ جو شخص حج افراد کا یا حج قران کا احرام باندھ کر مکہ مکرمہ آئے اور اس کے پاس "ہدی" کا جانور نہ ہو، توسنت یہ ہے کہ وہ اپنے احرام کو عمرہ کے احرام سے بدل دے، اور طواف وسعی کر کے اور بال کٹوا کر حلال ہو جائے، پھر حج کے وقت حج کا احرام باندھے اور دم دے کر متمتع بن جائے۔

سوال 23

اس شخص کے بارے میں کیا حکم ہے جس نے حج تمتع کی نیت کی تھی، مگر میقات پر پہنچنے کے بعد اس نے اپنی رائے بدل دی اور حج افراد کا احرام باندھ لیا، کیا اس پر ہدی واجب ہے ؟

جواب

مذکور شخص نے اگر میقات پہنچنے سے پہلے حج تمتع کی نیت کی تھی، اور میقات پر پہنچ کر نیت بدل دی اور حج افراد کا احرام باندھ لیا، تواسمیں کوئی مضائقہ نہیں ، اور نہ ہی اس شخص پر کوئی فدیہ وغیرہ ہے، لیکن اگر اس نے میقات پر پہنچ کریا میقات سے کچھ پہلے ہی حج قران کا احرام باندھ لیا، پھراس احرام کو حج افراد کے احرام سے بدلنا چاہے، تو ایسا کرنے کا اسے اختیار نہیں ، البتہ عمرہ کے احرام سے بدلنا چاہے توایسا کرسکتا ہے، کیونکہ حج قران کے احرام کو عمرہ کے احرام سے تبدیل کیا جاسکتا ہے، لیکن حج افراد کے احرام سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ قران کے احرام کو عمرہ کے احرام سے تبدیل کرنے میں ایک مسلمان کے لئے زیادہ آسانی ہے، نیزاس لئے کہ نبی ؐ نے اس کا حکم دیا ہے لہذا جو شخص میقات سے حج قران کا احرام باندھ لے پھراسے حج افراد کے احرام سے تبدیل کرنا چاہے، توایسا نہیں کرسکتا، البتہ عمرہ کے احرام سے تبدیل کرسکتا ہے، بلکہ یہی افضل ہے، چنانچہ وہ طواف اور سعی کرے، بال کٹوائے اور حلال ہو جائے، پھر اس کے بعد جب حج کا وقت ہو تو حج کا احرام باندھے اور اس طرح متمتع بن جائے۔

سوال 24

اس شخص کے بارے میں کیا حکم ہے جس نے حج اور عمرہ کا ایک ساتھ احرام باندھا، مگر مکہ مکرمہ پہنچ کر اس کا سفرخرچ ضائع ہو گیا اور وہ دم دینے کے لائق نہیں رہا، چنانچہ اس نے نیت بدل کر حج افراد کی کر لی، کیا ایسا کرنا صحیح ہے ؟ اور اگر یہ حج وہ کسی دوسرے کی طرف سے ( حج بدل) کر رہا تھا اور اس شخص نے اسے حج تمتع کی شرط کے ساتھ بھیجا تھا، تو ایسی صورت میں وہ کیا کرے ؟

جواب

مذکورہ مسئلہ میں اس شخص کو نیت بدلنے کا اختیار نہیں ، بھلے ہی اس کا سفرخرچ ضائع ہو گیا، اگر وہ دم دینے کی طاقت نہیں رکھتا تو الحمد للہ اس کا حل موجود ہے، وہ یہ کہ دس دن روزہ رکھے، تین دن ایام حج میں اور سات دن وطن واپس آنے کے بعد، اور اس طرح وہ حج تمتع کے احرام میں باقی رہے، نیز حج بدل کے لئے بھیجنے والے کی شرط پوری کرے، وہ اس طرح کہ عمرہ کا احرام باندھ کر طواف اور سعی کرے، بال کٹوائے اور حلال ہو جائے، پھر حج کا احرام باندھ کر حج کرے اور دم دے، اور اگر دم دینے کی طاقت نہیں تودس دن روزہ رکھے، تین دن ایام حج میں یوم عرفہ (9/ذی الحجہ) سے پہلے پہلے، اور سات دن حج سے وطن واپس آ کر، کیونکہ نبی ؐ کی اتباع میں حاجی کے لئے عرفہ کے دن روزہ نہ رکھنا ہی افضل ہے آپ ؐ وقوف عرفہ کے دوران روزہ سے نہیں تھے۔

سوال 25

ایک شخص نے حج قران کا احرام باندھا، لیکن عمرہ سے فارغ ہونے کے بعد اس نے احرام کھول دیا، کیا وہ متمتع شمار ہو گا؟

جواب

جی ہاں ، حج قران کا احرام باندھنے کے بعد اگر طواف اور سعی کرنے اور بال کٹوانے کے بعد آدمی حلال ہو جائے، اور سابقہ احرام کو عمرہ کے احرام سے بدل دے، تو وہ متمتع شمار ہو گا اور اسے تمتع کا دم دینا ہو گا۔

سوال 26

ایسے شخص کے بارے میں کیا حکم ہے جس نے حج کیا مگر نماز نہیں پڑھتا، خواہ وہ عمدأً نماز چھوڑے ہوئے ہے یا محض سستی و کاہلی میں ایسا کرتا ہے ؟ اور کیا اس کا یہ حج فرض حج کے لئے کافی ہو گا؟

جواب

جس نے اس حال میں حج کیا کہ وہ نماز نہیں پڑھتا، تو اگر وہ نماز کی فرضیت کا منکر ہے تو متفقہ طور پر کافر ہے اور اس کا حج بھی درست نہیں ، اور اگر محض سستی و کاہلی کی وجہ سے نماز چھوڑے ہوئے ہے تو اس بارے میں علماء کے درمیان اختلاف ہے، بعض علماء کا خیال ہے کہ اس کا حج درست ہے، اور بعض کا خیال ہے کہ یہ حج درست نہیں ، لیکن صحیح بات یہی ہے کہ یہ حج درست نہیں ، کیونکہ نبی ؐ کی حدیث ہے :
"ہمارے اور ان (کافروں ) کے درمیان جو فرق ہے وہ نماز ہے، توجس نے نماز چھوڑ دی اس نے کفر کیا "
دوسری حدیث میں آپ نے فرمایا :
"آدمی کے اور کفر و شرک کے درمیان بس نماز چھوڑنے کا فرق ہے "
اور نبی ؐ کا مذکورہ فرمان، نماز کی فرضیت کا انکار کرنے والے اور سستی و کاہلی میں نماز چھوڑنے والے سب کو شامل ہے، واللہ ولی التوفیق۔

سوال 27

عورت کا ایام حج میں مانع حیض گولیاں استعمال کرنا کیسا ہے ؟

جواب

ایام حج میں مانع حیض گولیاں استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ، کیونکہ اس سے فائدہ اور اچھائی مقصود ہے، تاکہ عورت بھی لوگوں کے ساتھ طواف کرسکے، اور اس کے قافلہ والے محض اس کی وجہ سے معطل ہو کر نہ رہ جائیں۔

سوال 28

احرام باندھنے کے بعد عورت کو حیض یانفاس کا خون آ جائے تو وہ کیا کرے ؟ کیا اس حال میں بیت اللہ کا طواف کرنا اس کے لئے درست ہے ؟ اور کیا اس پر طواف وداع واجب ہے ؟

جواب

عمرہ کے لئے مکہ پہنچتے ہی اگر اسے حیض یا نفاس کا خون آ جائے تو پاک ہونے تک وہ رکی رہے، اور پاک ہونے کے بعد طواف اور سعی کرے، بال کٹوائے اور اسی طرح عمرہ پورا کرے۔ لیکن اگر عمرہ سے فارغ ہونے کے بعد یا 8/ذی الحجہ کو حج کا احرام باندھنے کے بعد اسے حیض یا نفاس کا خون آیا، تو وہ حج کے اعمال مثلاً عرفہ میں ٹھہرنا، مزدلفہ میں رات گزارنا، کنکری مارنا، نیز ذکر و اذکار اور تلبیہ پکارنا وغیرہ ادا کر لے، اور جب پاک ہو جائے تب حج کا طواف (طواف افاضہ) اور سعی کرے، والحمد للہ۔
اور اگر طواف اور سعی سے فارغ ہونے کے بعد طواف وداع سے پہلے اسے حیض آ گیا تو طواف وداع اس سے ساقط ہو جائے گا، کیونکہ حیض اور نفاس والی عورتوں پر طواف وداع نہیں ہے۔

سوال 29

کیا ہر طواف کے بعد مقام ابراہیم کے پیچھے ہی طواف کی دو رکعت نماز پڑھنی ضروری ہے ؟ اور جو شخص بھول کر نہ پڑھے اس کا کیا حکم ہے ؟

جواب

طواف کی دو رکعت نماز مقام ابراہیم کے پیچھے ہی پڑھنا ضروری نہیں ، بلکہ پورے حرم شریف میں کہیں بھی دو رکعت پڑھ لینا کافی ہے، اور اگر کوئی شخص بھول کر نہ بھی پڑھے تو اسمیں کوئی حرج نہیں ، کیونکہ یہ نماز واجب نہیں بلکہ سنت ہے۔

سوال 30

ایک شخص نے طواف افاضہ کو طواف وداع تک موخر کر دیا، پھر طواف افاضہ اور طواف وداع دونوں کی نیت سے ایک طواف کیا، اس کا کیا حکم ہے ؟ اور کیا رات میں طواف افاضہ کرنا جائز ہے ؟

جواب

اعمال حج سے فارغ ہونے کے بعد مکہ سے واپسی کے وقت اگر طواف افاضہ کیا تو یہی طواف، طواف وداع کے لئے بھی کافی ہو گا، خواہ اس نے طواف افاضہ کے ساتھ طواف وداع کی نیت کی ہویا نہ کی ہو، حاصل یہ ہے کہ طواف افاضہ کو اگر مکہ سے واپسی کے وقت موخر کر دیا جائے تو یہی طواف، طواف وداع کے لئے بھی کافی ہو گا، اور ایسا کرنے میں کوئی حرج بھی نہیں ہے، اور اگر ایک ہی ساتھ، طواف افاضہ اور طواف وداع دونوں کی نیت کر کے ایک طواف کر لے تو بھی درست ہے، اسی طرح طواف افاضہ یا طواف وداع رات میں یا دن میں کسی بھی وقت کرنا جائز ہے۔

سوال 31

نماز کے لئے اقامت ہو چکی ہو اور حاجی یا معتمر ابھی طواف سے یاسعی سے فارغ نہ ہوا ہو تو کیا کرے ؟

جواب

جماعت کے ساتھ وہ نماز ادا کر لے، پھر جہاں سے اس نے طواف یا سعی کو روکا تھا وہیں سے شروع کر کے جو باقی رہ گیا ہے مکمل کر لے۔

سوال 32

کیا طواف اور سعی کے لئے با وضو ہونا لازم ہے ؟

جواب

طواف کے لئے با وضو ہونا لازم ہے، البتہ سعی کے لئے وضو کر لے تو افضل ہے، اور اگر بغیر وضو کے سعی کرے تو بھی درست ہے۔

سوال 33

کیا عمرہ میں طواف وداع واجب ہے ؟ اور کیا طواف وداع، خواہ وہ حج کا ہو یا عمرہ کا، کر لینے کے بعد مکہ سے کوئی چیز خریدنا جائز ہے ؟

جواب

عمرہ میں طواف وداع واجب نہیں ، لیکن کر لینا افضل ہے، اور اگر طواف وداع کئے بغیر ہی مکہ سے روانہ ہو گیا تو بھی کوئی حرج نہیں ، البتہ حج میں طواف وداع واجب ہے، کیونکہ نبی ؐ کا ارشاد ہے جو آپ نے حج کرنے والوں سے مخاطب ہو کر فرمایا تھا:
"تم میں سے کوئی اس وقت تک مکہ سے کوچ نہ کرے یہاں تک کہ اس کا آخری کام بیت اللہ کا طواف ہو"
طواف وداع کے بعد ضرورت کی کوئی بھی چیز مکہ سے خریدی جاسکتی ہے، بلکہ اگر وقفہ طویل نہ ہو تو تجارتی سامان بھی خریدا جاسکتا ہے، البتہ وقفہ۔ عرف عام میں۔ طویل ہو جانے کی صورت میں دوبارہ طواف وداع کرنا ہو گا۔

سوال 34

کیا حج میں یا عمرہ میں طواف سے پہلے ہی سعی کر لینا جائز ہے ؟

جواب

سنت یہ ہے کہ پہلے بیت اللہ کا طواف کیا جائے اور اس کے بعد صفا و مروہ کے درمیان سعی، لیکن اگر کسی شخص نے مسئلہ نہ جانتے ہوئے پہلے سعی کر لی تو اسمیں کوئی حرج نہیں ، نبی ؐ سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ میں نے طواف سے پہلے سعی کر لی، تو آپؐ نے فرمایا :
"کوئی حرج نہیں " اس سے ثابت ہوتا ہے کہ طواف سے پہلے سعی کر لی جائے تو بھی کافی ہے، لیکن سنت یہ ہے کہ پہلے طواف کیا جائے، پھرسعی کی جائے، خواہ حج میں ہویا عمرہ میں۔

سوال 35

سعی کرنے کا طریقہ کیا ہے ؟ اور سعی کہاں سے شروع کی جائے گی ؟ نیزسعی کے کل کتنے چکر لگانے ہوں گے ؟

جواب

سعی صفا سے شروع ہو کر مروہ پر ختم ہو گی، اور کل سات چکر لگانے ہوں گے، پہلا چکرصفاسے شروع ہو گا اور آخری چکر مروہ پر ختم ہو گا، سعی کے دوران اللہ تعالی کے ذکر، تسبیح اور دعا میں مشغول رہنا چاہئیے، نیز صفا اور مروہ پر قبلہ رخ کھڑے ہو کر دونوں ہاتھ اٹھا کر تین تین بار تکبیر کہنا چاہئے، کیونکہ نبی ؐ نے ایسا ہی کیا ہے۔

سوال 36

حج یا عمرہ میں دیگر اعمال سے فارغ ہونے کے بعد حلق کرانا افضل ہے یا قصر کرانا ؟ اور کیا سرکے بعض حصہ کا قصر کرا لینا کافی ہے ؟

جواب

حج میں یا عمرہ میں حلق کرانا ہی افضل ہے، کیونکہ رسول ؐ نے حلق کرانے والوں کے لئے تین بار رحمت و مغفرت کی دعا فرمائی اور قصر کرانے والوں کے لئے ایک بار، اس لئے حلق کرانا ہی افضل ہے، لیکن عمرہ کے بعد اگر حج کا وقت قریب ہو تو افضل یہ ہے کہ عمرہ میں قصر کرالے تاکہ حج میں حلق کراسکے، کیونکہ حج، عمرہ سے اکمل ہے، اس لئے اکمل ( حج) کے لئے اکمل(حلق کرانا) ہی ہونا چاہئے، لیکن عمرہ کے بعد اگر حج کا زمانہ دور ہے، مثلاً شوال میں عمرہ کیا، اور اسوقت سے حج تک میں اس کے بال اتنے بڑھ سکتے ہیں کہ حلق کراسکے، توایسی صورت میں عمرہ میں بھی حلق کرالے تاکہ حلق کرانے کی فضیلت حاصل کرسکے ۔
رہا مسئلہ سرکے بعض حصہ کے حلق کرانے یا قصر کرانے کا، تو علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق یہ کافی نہیں ، بلکہ پورے سرکا حلق کرانا یا قصر کرانا واجب ہے، یہ بھی ملحوظ رہے کہ حلق یا قصر کراتے وقت سرکے دائیں جانب سے شروع کرنا افضل ہے ۔
 
سوال 37

حاجی عرفہ کے لئے کب روانہ ہو اور وہاں سے کب واپس لوٹے ؟

جواب

عرفہ کے لئے 9/ذی الحجہ کی صبح کو آفتاب طلوع ہونے کے بعد روانہ ہونا مشروع ہے، وہاں پہنچ کر نبی اکرم ؐ اور آپ کے صحابہ رضی اللہ عنہم کی اتباع کرتے ہوئے ظہر اور عصر کی نماز قصر کر کے اور جمع و تقدیم کے ساتھ ایک اذان اور دو اقامت سے پڑھے، پھر آفتاب غروب ہونے تک وہیں ذکر و دعا، تلاوت قرآن اور تلبیہ پکارنے میں مصروف رہے، عرفہ کے دن اس دعا کا کثرت سے پڑھنا مشروع ہے :
"لا الہ الا اللہ وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد، وہوعلی کل شیئ قدیر، وسبحان اللہ، والحمدللہ، ولا الہ الا اللہ، ولاحول ولا قوۃ الا باللہ"
ہاتھ اٹھا کر اور قبلہ رخ ہو کر دعا کرے، اور دعاسے پہلے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کرے اور نبی کریم ؐ پر درود سلام پڑھے، واضح رہے کہ پورا میدان عرفہ ٹھہرنے کی جگہ ہے۔
غروب آفتاب کے بعد اطمینان و وقار کے ساتھ مزدلفہ کے لئے روانہ ہو، اور راستہ میں کثرت سے تلبیہ پکارے، مزدلفہ پہنچ کر ایک اذان اور دو اقامت کے ساتھ مغرب کی تین رکعت اور عشاء کی دو رکعت نماز قصر اور جمع تاخیر کر کے پڑھے۔

سوال 38

مزدلفہ میں رات گزارنے کا کیا حکم ہے ؟ اور وہاں کتنا ٹھہرنا ہے ؟ نیز منیٰ کے لیے حجاج کب واپس ہوں گے؟

جواب

صحیح قول کے مطابق مزدلفہ میں رات گزارنا واجب ہے، اور بعض علماء نے مستحب اور بعض نے حج کا رکن بتایا ہے، لیکن صحیح قول وجوب کا ہے، جس نے مزدلفہ میں رات نہیں گزاری اسے دم دینا ہو گا۔
سنت یہ ہے کہ فجر کی نماز کے بعد جب خوب اجالا ہو جائے تب مزدلفہ سے روانہ ہوں ، یعنی مزدلفہ میں فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد وہیں اللہ تعالیٰ کے ذکر اور دعا واستغفارمیں مشغول رہیں ، اور جب خوب اجالا ہو جائے تب تلبیہ پکارتے ہوئے منی کیلئے روانہ ہوں۔
کمزور مرد و عورت نیزعمررسیدہ لوگ آدھی رات گزر جانے کے بعد مزدلفہ سے منی کے لئے روانہ ہوسکتے ہیں ، رسول اللہ ؐ نے ایسے لوگوں کو رخصت دی ہے، لیکن صحت مند لوگوں کے لئے سنت یہی ہے کہ وہ پوری رات مزدلفہ میں گزاریں ، اور فجر کی نماز کے بعد ذکر و اذکار میں مشغول رہیں ، اور آفتاب طلو ع ہونے سے پہلے منی کے لئے روانہ ہوں ، عرفہ کی طرح مزدلفہ میں بھی قبلہ رخ ہو کر اور دونوں ہاتھ اٹھا کر دعا کرنا مسنون ہے، نیز عرفہ ہی کی طرح پورے میدان مزدلفہ میں کہیں بھی ٹھراجاسکتا ہے۔
 
سوال 39

ایام تشریق میں عمداً یا جگہ نہ ملنے کے سبب منیٰ سے باہر رات گزارنا کیسا ہے ؟ نیز حجاج کرام منی سے کب واپس روانہ ہوں گے ؟

جواب

صحیح قول کے مطابق ذی الحجہ کی گیارہویں اور بارہویں رات منی میں گزارنی واجب ہے، محقق اہل علم نے اسی کو راجح قرار دیا ہے، البتہ منی میں جگہ نہ مل سکنے کی صورت میں یہ وجوب ساقط ہو جاتا ہے اور رات نہ گزارنے کی وجہ سے کوئی فدیہ وغیرہ واجب نہیں ہوتا، لیکن بلا عذر منی میں رات نہ گزارنے کی صورت میں دم واجب ہو جاتا ہے۔
ذی الحجہ کی بارہ تاریخ کو زوال آفتاب کے بعد جمعرات کو کنکریاں مار کر حجاج منی سے واپس ہوسکتے ہیں ، لیکن تیرہ تاریخ کو زوال آفتاب کے بعد کنکریاں مار کرواپس ہونا افضل ہے۔

سوال 40

حاجی کے لئے یوم النحر(10/ذی الحجہ) کے اعمال کی ادائیگی کے لئے کیا طریقہ افضل ہے ؟ اور کیا یوم النحر کے اعمال میں تقدیم و تاخیر جائز ہے ؟

جواب

سنت یہ ہے کہ یوم النحر کو جمرۂ عقبہ کو، جو مکہ مکرمہ سے قریب ہے، سات الگ الگ کنکریاں مارے، اور ہر کنکری کے ساتھ "اللہ اکبر"کہے، پھر اگر اس کے پاس ہدی کا جانور ہے تواسے قربان کرے، پھر حلق یا قصر کرائے، ویسے حلق کرانا زیادہ بہتر ہے، پھر طواف افاضہ کرے، اور اگر اس کے ذمہ سعی ہے توسعی بھی کرے، یہی طریقہ افضل ہے، نبی ؐ نے ایسا ہی کیا تھا، یعنی اس ترتیب سے اعمال حج کا ادا کرنا افضل ہے :
رمی جمرہ، پھر قربانی، پھر حلق یا قصر، پھر طواف اور اگر سعی واجب ہے توسعی بھی۔ لیکن اگر کسی نے یہ ترتیب برقرار نہیں رکھی، مثلاً رمی جمرہ سے پہلے قربانی کر دی یا طواف کر لیا یا حلق کرا لیا، یا قربانی کے پہلے حلق کرا لیا تواسمیں کوئی حرج نہیں ، رسول اللہ ؐ کے ساتھ حج کرنے والوں میں جنہوں نے اس ترتیب کو برقرار نہیں رکھا تھا ان کے بارے میں آپ سے دریافت کیا گیا تو آپؐ نے فرمایا:
"کوئی حرج نہیں ، کوئی حرج نہیں "

سوال 41

مریض، عورت اور بچہ کی طرف سے رمی جمار کے لئے نائب مقرر کرنے کا کیا حکم ہے ؟

جواب

مریض کی طرف سے اور معذور عورت مثلاً ً حاملہ یا بھاری بھرکم جسم والی یا کمزور عورت جو رمی نہ کرسکتی ہو، ان سب کی طرف سے رمی جمار کے لئے نائب مقرر کرنے میں کوئی حرج نہیں ، البتہ طاقتور اور نشاط والی عورت خود کنکری مارے، اسی طرح جو شخص دن میں زوال آفتاب کے بعد کنکری مارنے کی طاقت نہ رکھتا ہو، وہ رات میں کنکریاں مارے، اور جو 10/ذی الحجہ کو عید کے دن کنکری نہ مارسکا وہ اس کے عوض گیارہویں رات میں کنکری مارے، اور جو گیارہ تاریخ کو دن میں کنکری نہ مارسکا وہ اس کے عوض بارہویں رات میں کنکری مارے، اور جو بارہ تاریخ کو کنکری نہ مارسکا یا زوال کے بعد نہ مارسکا وہ اس کے عوض تیرہویں رات میں کنکری مارے۔ اور تیرہویں رات میں طلوع فجر کے ساتھ ہی کنکری مارنے کا وقت بھی ختم ہو جاتا ہے، واضح رہے کہ ایام تشریق (یعنی 13، 12، 11) میں دن زوال آفتاب کے بعد ہی رمی کی جائے گی ۔

سوال 42

کیا ایام تشریق میں تینوں جمرات کو بلا عذر رات میں کنکریاں مارسکتے ہیں ؟ اور کیا قربانی کی رات عورتوں اور کمزوروں کے ساتھ آدھی رات کے بعد مزدلفہ سے منی روانہ ہو جانے والا شخص رات ہی میں جمرۂ عقبہ کو کنکری مارسکتا ہے ؟

جواب

صحیح قول کے مطابق غروب آفتاب کے بعد کنکری مارنا جائز ہے، لیکن سنت یہ ہے کہ دن میں زوال آفتاب کے بعد سے لے کر غروب آفتاب کے درمیان کنکری ماری جائے، لہذا ممکن ہونے کی صورت میں یہی افضل ہے، البتہ کوئی دشواری ہو تو صحیح قول کے مطابق غروب آفتاب کے بعد رمی کرسکتا ہے۔
جو شخص آدھی رات کے بعد عورتوں اور کمزوروں کے ساتھ مزدلفہ سے منی چلا آئے وہ کنکری مارنے کے سلسلہ میں انہی عورتوں اور کمزوروں کے حکم میں ہے، لہذا عورتوں کے محرم، ڈرائیوراوراسی طرح وہ طاقتور مرد جو عورتوں اور کمزوروں کے ساتھ مزدلفہ سے آدھی رات کے بعد منیٰ چلے آئیں وہ عورتوں کے ساتھ اخیر رات ہی میں کنکری مارسکتے ہیں ۔

سوال43

حاجی جمرات کو کنکری مارنا کب شروع کریں گے اور کب ختم کریں گے ؟ نیز کنکری مارنے کا طریقہ کیا ہے اور کنکریوں کی تعداد کیا ہو گی؟ اور کس جمرہ سے کنکری مارنا شروع کریں گے ؟

جواب

عید کے دن صرف پہلے جمرہ کو کنکری ماریں گے جو مکہ سے قریب ہے اور جسے "جمرۂ عقبہ "کہا جاتا ہے، قربانی کی رات آدھی رات کے بعد اگر جمرۂ عقبہ کو کنکری مار لے تو کافی ہو گا، مگر افضل یہ ہے کہ دن میں چاشت کے وقت سے لے کر غروب آفتاب کے درمیان کسی بھی وقت کنکری مارے، اگر دن میں کنکری نہیں مارسکا تو اس کے عوض گیارہویں رات میں غروب آفتاب کے بعد مارے۔
کنکری مارنے کا طریقہ یہ ہے کہ سات کنکریاں یکے بعد دیگرے مارے اور ہر کنکری کے ساتہ" اللہ اکبر"کہے، البتہ ایام تشریق میں زوال آفتاب کے بعد کنکری ماری جائے گی، سب سے پہلے "جمرۂ اولی" کوسات کنکریاں ماری جائیں گی جومسجد خیف کے قریب ہے، اور ہر کنکری کے ساتھ اللہ اکبر کہا جائے گا، پھراسی طرح"جمرۂ وسطی" کو سات کنکریاں ، اور پھر"جمرۂ عقبہ" کو سات کنکریاں ماری جائیں گی، یہ کام گیارہ اور بارہ ذی الحجہ کو، اور جو شخص واپس ہونے میں جلدی نہ کرے اسکو تیرہ ذی الحجہ کو بھی کرنے ہوں گے ۔
سنت یہ ہے کہ جمرۂ اولی اور جمرۂ وسطی کو کنکری مارنے کے بعد ان کے پاس کھڑا ہو کر دعا کرے، جمرۂ اولی کو کنکری مارنے کے بعد جمرہ کو اپنے بائیں جانب کر کے قبلہ رخ کھڑا ہو جائے اور دیر تک دعا کرے، پھر جمرۂ وسطی کو کنکری مارنے کے بعد جمرہ کو اپنے دائیں جانب کر کے قبلہ رخ کھڑا ہو جائے اور دیر تک دعا کرے، ذی الحجہ کی گیارہ اور بارہ تاریخ کو، اور اگر واپس ہونے میں جلدی نہ ہو تو تیرہ تاریخ کو بھی تینوں دن ایسا ہی کرے، البتہ جمرۂ عقبہ جو مکہ مکرمہ کے قریب ہے اسے کنکری مار کر آگے بڑھ جائے اور اس کے پاس کھڑا ہو کر دعا نہ کرے، کیونکہ رسول ؐ نے اس کی صرف رمی کی ہے، اس کے پاس کھڑے ہو کر دعا نہیں فرمائی ہے۔

سوال 44

جس شخص کو یہ شبہ ہو کہ بعض کنکریاں حوض میں نہیں گری ہیں وہ کیا کرے ؟

جواب

جس کو اس قسم کا شبہ ہو جائے وہ منیٰ ہی سے دوسری کنکریاں لے اور تعداد پوری کرے۔
 
سوال 45

کیا حجاج کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ جمرات کے ارد گرد پڑی ہوئی کنکریوں سے جمرات کی رمی کریں ؟

جواب

ہاں ایسا کرسکتے ہیں ، کیونکہ حقیقت میں ان کنکریوں سے رمی نہیں کی گئی ہوتی ہے، البتہ حوض میں پڑی کنکریوں سے رمی کرنا درست نہیں۔
٭٭٭

Source: http://www.islamhouse.com

پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

حجِ اکبر