حرف تمنا
نوید صدیقی
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
سب سے پہلے
سب سے پہلے اللہ
میرے معبود، مہربان، شفیق
مرے ہمراہ اک محفل میں
مری تنہائی میں موجود، شریک
منظر کون و مکاں تیرا ہنر
سب یقین و گمان تری تخلیق
جب زبان سے ہوا ادا اسم ترا
دل مرا لازما کرے تصدیق
بات بنتی ہے بنانے سے ترے
کام ہوتا ہے ترے اذان سے ٹھیک
عقل رکھتی ہے کچھ حدود، قیود
تیری صنعت گری دقیق، عمیق
کوئی ثانی نہیں، کہیں بھی نہیں
ذات واحد ہے تو بلا تشکیک
٭٭٭
نعت اللہ کے بعد
شعاع نور کو اس نے اچھالا ہر طرف ہے دیا شہر مدینہ میں اجالا ہر طرف ہے
تخیل میں حقیقت کا بھرا ہے رنگ اس نے
پس منظر سے اک منظر نکالا ہر طرف ہے
پڑھایا ہے اسی نے کلمہ توحید ہم کو بتایا ہے اسی نے حق تعالی ہر طرف ہے
یہ سب فیضان ہے اس کے عمل، اس کی دعا کا
یہ جو انسانیت کا بول بالا ہر طرف ہے
مکمل کر گیا ہے وہ سبھی کار نبوت مگر اس کی نبوت کا حوالہ ہر طرف ہے
نشاں موجود ہے اس کا جہاں تک ہے خدائی
نوید اس ذات کی رحمت کا ہالا ہر طرف ہے
٭٭
یہ زمین میری ہوئی یہ آسماں میرا ہوا
آپ کیا میرے ہوئے سارا جہاں میرا ہوا
زندگی کو آ گئی جیسے میسر تازگی خوشبوؤں سے مہکا مہکا گلستاں میرا ہوا
روز محشر جلتے سورج کی تپش کچھ کم ہوئی
دامن رحمت کسی کا سائباں میرا ہوا
آپ کی سرکار سے پایا ہمیشہ بے طلب کب کوئی حرف تمنا رائیگاں میرا ہوا
خوف کی سولی پہ رکھتا تھا گناہوں کا خیال
ہاں تسلی ہے یہ اب اک مہربان میرا ہوا
جاں اچانک پڑ گئی بے روح لفظوں میں نوید
ذکر احمد سے حسیں رنگ بیاں میرا ہوا
٭٭٭
جب تک وجود خلق خدا ہے، حسین ہے زندہ حدیث کرب ولا ہے، حسین ہے
جنت میں نوجوانوں کے سردار کا لقب جس کے لئے روا ہے، بجا ہے، حسین ہے
دل کو ہے جو وہ شوق شہادت نیا نہیں دل کو پسند جام بقا ہے، حسین ہے
اک سمت فوج، نیزہ و خنجر ہے، ڈھال ہے اک سمت حوصلہ ہے، دعا ہے، حسین ہے
ہر ابتلا کے دور میں انسان کے لئے روشن مثال صبر و رضا ہے، حسین ہے
سچ آج سرخرو ہے تو اس کا سبب نوید
پوشیدہ کب ہے؟ راز کھلا ہے، حسین ہے
ایک نظم
میرے پیارو
تمہیں بھیجنے کے لئے
کوئی خوشبو کی بوتل ہے نہ پھول ہے
خواب رنگیں ہے نہ وصل کا باب ہے
عید پر کوئی تحفہ ہے نہ کارڈ ہے
میرے پیارو
تمہیں بھیجنے کے لئے
سارے اپنے اسکولوں میں مد فون ہیں
نو بہار چمن جو خس و خاک صحن و چمن ہو گئے
جاگتے شہر جن کے لئے پل میں شہر خموشاں ہوئے
جو جواں رنگ تھے
دھول مٹی کی خاکستری چادریں اوڑھ کر
سو گئے
ان کی آنکھوں میں کل کے لئے جو سنہرے جواں
خواب تھے
کرچیاں بن گئے
میری وادی کے جتنے حسیں پھول تھے
مشک و عنبر لئے کہن سالہ شجر
اپنے ملبے کے نیچے دبے کٹ گئے
کر کے آنکھیں لہو ریزہ ریزہ عناصر میں وہ بٹ گئے
کب کے بچھڑے ہوئے
یوں ملے۔۔۔۔کہ ملے اور امر ہو گئے
ان کے پاؤں تلے جو زمیں تھی وہی آسماں ہو گئی
ہر تمنا لٹی ہے، آرزو کھو گئی
میرے پیارو
تمہیں بھیجنے کے لئے
میں نے جو سبز رت کے مناظر چنے تھے
دھواں ہو گئے
اس لئے
اس برس
میرے پیارو
تمہیں بھیجنے کے لئے
پاس میرے کوئی پھول نہ خواب ہے
کوئی خوشبو ہے نہ وصل کا باب ہے
عید پر کوئی تحفہ ہے نہ کارڈ ہے
٭٭٭
کسی کے دل میں ہے کیسا گماں، سمجھتی ہیں
کہ لڑکیاں تو نظر کی زباں سمجھتی ہیں
کہاں یہ آشنا اچھی بری رفاقت سے ملے جو ہنس کے اسے مہربان سمجھتی ہیں
یہ گھر سمجھتی ہیں ہر ریت کے گھروندے کو
سلگتی دھوپ کو یہ سائباں سمجھتی ہیں
ستارے توڑ کے لائے جو، ان کا ہے محبوب
جو جان کہہ دے اسے جان جاں سمجھتی ہیں
نوید یہ جسے چاہیں، جسے پسند کریں
زمیں بھی ہو تو اسے آسماں سمجھتی ہیں
٭٭٭
قدم قدم پہ انا لے کے ساتھ چلتا ہوں
میں خود کو بدلتا نہیں، راستے بدلتا ہوں
میں حوصلہ ہوں مچلتے ہوئے ارادوں کا
کہیں چراغ کہیں، آندھیوں میں پلتا ہوں
تو اے زمانے مری راہ میں نہ آ، کہ میں ہوں
ازل کا تیرا، ابد کی طرف نکلتا ہوں
مری شکست کا دشمن کو ہو گا خمیازہ
مرا مزاج ہے یہ، گر کے پھر سنبھلتا ہوں
مرا شعور مرے تن کو کھا رہا ہے نوید
میں سوچتا ہوں، اسی واسطے پگھلتا ہوں
٭٭٭
بیان صورت حالات کر رہا ہے کون جو بات سچ ہے وہی بات کر رہا ہے کون
بساط وقت پہ جمہوریت کے داؤ سے کچھ اور کم مری اوقات کر رہا ہے کون
کہیں حقوق کہیں مذہبی عناد کی جنگ یوں ریزہ ریزہ مواخات کرہا ہے کون
اے میرے چارہ گرو، رہبرو، کہو کچھ تو
جو تم نہیں تو یہاں رات کر ر ہا ہے کون
ہیں بے گناہ یہ لیڈر ، یہ اہل زر، یہ وزیر
تو ہم پہ ظلم کی برسات کر رہا ہے کون
جو اہل عقل ہیں، سب جانتے سمجھتے ہیں وطن کو نذر مفادات کر رہا ہے کون
نودی جن سے غریبوں کی جاں عذاب میں ہے
بپا یہ نت نئی آفات کر رہا ہے کون
٭٭٭
بیاں میں جرم کے حد سے گزر رہے ہیں لوگ خلاف واقعہ تحریر کر رہے ہیں لوگ
شعور کا ہے کرشمہ یہ شوق تنہائی کہ رفتہ رفتہ نظر سے اتر رہے ہیں لوگ
امیر شہر تیری سادگی قیامت ہے تو محو جشن ہے اور جل کے مر رہے ہیں لوگ
یہ آج کل کا نہیں، ہے رواج صدیوں کا
ہوا جدھر کی چلی بس ادھر رہے ہیں لوگ
مجھے بھی اپنی زباں کھولنا پڑے گی نوید
مری خموشی پہ الزام دھرے رہے ہیں لوگ
٭٭٭
دھرتی کانپے جاتی ہے کوئی قیامت آئی ہے
ایک محبت کبھی کبھی ساری عمر رلاتی ہے
سچ پر جو اڑ جائے، اسے کہتے ہیں، جذباتی ہے
ہے کوئی جو ختم کرے فرق جو یہ طبقاتی ہے
مجرم جرم نہیں کرتا محرومی کرواتی ہے
لوگوں کی پہچان نوید آتے آتے آتی ہے ٭٭٭
کچھ ادھوری خواہشوں پر دھیان رکھتے ہیں ابھی
شہر میں رسوائی کا امکان رکھتے ہیں ابھی
تیری خاطر ساری دنیا سے نہیں لی دشمنی
ہم پلٹنے کا سر و سامان رکھتے ہیں ابھی
روز خوابوں کے جزیرے کا سفر کرتے ہیں ہم
ذہن پر سوچوں کی چادر تان رکھتے ہیں ابھی
دفن کر دیتے ہیں ساری لغزشیں احباب کی
دل کے اندر ایک قبرستان رکھتے ہیں ابھی
ذکر لوگوں کی زباں پر اب بھی اپنا ہے نوید
اس کا مطلب ہے انہیں حیران رکھتے ہیں ابھی
٭٭٭
قید پندار سے آزاد نہیں ہو سکتے ہم کبھی مائل فریاد نہیں ہو سکتے
جو پڑیں شیشہ دل پر کسی پتھر کی طرح لفظ وہ مستحق داد نہیں ہو سکتے
ہر گھڑی مصلحت وقت پہ چلنے والے اک نئے دور کی بنیاد نہیں ہو سکتے
دشمن جان چھپا ہے کوئی ان میں شاید دوست اتنے ستم ایجاد نہیں ہو سکتے
جھوٹ لکھتے ہیں فقط جو زر شہرت کے لئے وہ قلم تیشہ فرہاد نہیں ہو سکتے
جو فسانوں کو حقیقت سے جدا کر کے پڑھیں
ایسے کج رو مرے نقاد نہیں ہو سکتے
رہبر قوم و عمل بھی تو ضروری ہے کہ اب صرف وعدوں سے ہی شاد نہیں ہو سکتے
کتنے چہروں میں گھرا ہے وہ جو کہتا تھا نوید
ہم کسی کے بھی ترے بعد نہیں ہو سکتے
٭٭٭
مخالف ہیں ہوائیں اشارا ہو رہا ہے سمندر کے مقابل کنارا ہو رہا ہے
مسلسل فائدہ ہی نظر دکھلا رہی ہے حقائق کہہ رہے ہیں خسارا ہو رہا ہے
ہماری خواہشوں نے ہماری سوچ بدلی گوارا جو نہیں تھا گوارا ہو رہا ہے
ملال روز و شب ہے وصال روز و شب میں محبت اب نہیں ہے گزارا ہو رہا ہے
نوید اصرار اپنا، مسائل بڑھ رہے ہیں
نوید اک بات ان کی کی چارا ہو رہا ہے
٭٭٭
چال کو ہم شکار کرتے نہیں ہم کبھی پہلا وار کرتے نہیں
ہو تصادم کا جس میں اندیشہ راہ وہ اختیار کرتے نہیں
جو نہ بخشے متاع در د اسے دوستوں میں شمار کرتے نہیں
اب بچھڑنے کی ٹھان لی ہم نے اب ترا انتظار کرتے نہیں
سارے وعدے تمہارے کچے گھڑے ہجر دریا کو پار کرتے نہیں
نفرتوں کا جواز تم جانو ہم تو یہ کاروبار کرتے نہیں ٭٭٭
لمحہ لمحہ خوں افشانی لگتی ہے منظر منظر بات پرانی لگتی ہے
گہری الجھی شکنوں کے پیرائے میں چہرہ چہرہ ایک کہانی لگتی ہے
تیرے آ جانے سے رنگ نکھرتے ہیں ورنہ کس کو شام سہانی لگتی ہے
کچی عمر کے اندھے موڑ پہ ہر لڑکی آئینے میں خود کو رانی لگتی ہے
ڈھیر پہ کوڑے کے نوزائیدہ اک بچہ سچے پیار کی کوئی نشانی لگتی ہے
جانے کب کیا کہہ دے شاہ وقت نوید اس کی طبعیت بہتا پانی لگتی ہے ٭٭٭
بصارت چھین لے ایسا اجالا کر رہے ہیں ہم
اندھیرے سے اندھیرے کا ازالہ کر رہے ہیں ہم
جلا کر نفرت و بغض و انا کی آگ سینوں میں
دلوں کے صاف آئینوں کو کالا کر رہے ہیں ہم
سمویا ہی نہیں کردار میں فرمان قائد کو
ہاں اس کا تذکرہ تو بالا بالا کر رہے ہیں ہم
مسلسل خود فریبی کا عمل جاری ہے برسوں سے
مسلسل خو ستائی ہے کہ اعلی کر رہے ہیں ہم
نوید احساس کے اس لمحہ موجود میں سوچو
کہ جو بھی کام ہے نہ کرنے والا کر رہے ہیں ہم
٭٭٭
غم کے صحرا سے گزر جانے ہیں یہ الگ بات بکھر جاتے ہیں
چونک اٹھتے ہیں کوئی چھولے تو دل دھڑکتا ہے تو ڈر جاتے ہیں
کوئی کردار نہیں لافانی سب کہانی میں ہی مر جاتے ہیں
جاگتی آنکھوں سے دیکھے ہوئے خواب تلخیاں ذہن میں بھر جاتے ہیں ٭٭٭
منحرف یار بھی ہو سکتا ہے پشت سے وار بھی ہو سکتا ہے
باہر آ سکتا ہے اندر کا فساد ضبط دشوار بھی ہو سکتا ہے
تخت پر بیٹھنے والوں کے لئے تختۂ دار بھی ہو سکتا ہے
حال دل تجھ سے نہ کہنے کا سبب خوف انکار بھی ہو سکتا ہے
چند الزام لگے تب جانا لفظ تلوار بھی ہو سکتا ہے
سب جسے پارسا کہتے ہوں نوید وہ گنہ گار بھی ہو سکتا ہے ٭٭٭
زائر حرم کے نام
مال و زر لے، نہ دنیا کا غم لے کر چل ان کے دربار میں چشم نم لے کے چل
ہر قدم شوق طیبہ میں اپنا اٹھا اپنی آنکھوں میں خواب حرم لے کے چل
اس کی رحمت کا کوئی ٹھکانہ نہیں جانے والے امید کرم لے کر چل
جو خدا کو ہے محبوب وہ نام لے ذکر صلی علی دم بہ دم لے کے چل
دل میں رکھ آرزو اس جہاں کے لئے اس جہاں کی تمنائیں کم لے کے چل ٭٭٭
لاکھ اختلاف کر بات صاف صاف کر
دل میں کیا ہے؟ بول دے
آج انکشاف کر
ذات سے نکل کر ذرا ختم اعتکاف کر
ہے مرے خلاف تو کچھ مرے خلاف کر
عشق کا اصول ہے حسن کا طواف کر
اتنی تلخ زندگی؟
اے خدا معاف کر
٭٭٭
کسی دائرے میں سفر کیا نہیں جا سکا یونہی زندگی کو بسر کیا نہیں جا سکا
کبھی مشکلات کو سہل کر کے بھلا دیا کبھی ممکنات کو سر کیا نہیں جا سکا
رہ رسم یوں تو بہت رہی ترے بعد بھی ترے بعد عشق مگر، کیا نہیں جا سکا
وہی سنگ و خشت کا ڈھیر ہے، در و بام ہے
جو مکان تھا اسے گھر کیا نہیں جا سکا
ابھی وحشیوں کو عروج، ظلم کا راج ہے ابھی احترام بشر کیا نہیں جا سکا
اسی واسطے ہیں نوید سب سے کٹے ہوئے
کہ کسی سے صرف نظر کیا نہیں جا سکا
٭٭٭
سانچوں میں کم ڈھلتے رہے الگ جہان سے چلتے رہے
رات رہی پھر بھی کالی بن کے چراغ ہم جلتے رہے
اک جیسا کردار رہا چہرے لوگ بدلتے رہے
خاموشی سے اس دل میں روگ ہزاروں پلتے رہے
منزل سامنے پا کر بھی راہ سے دور نکلتے رہے ٭٭٭
جرم ہے یہ تو خطا کار ہیں ہم ہاں اجالے کے طلبگار ہیں ہم
لوگ پتھر کی طرح چپ خاموش صرف آمادہ اظہار ہیں ہم
خود کو آئینہ بنا رکھا ہے ٹوٹنے کے لئے تیار ہیں ہم
ہر قدم دست ستم، مشق ستم ہر قدم راہ میں دیوار ہیں ہم
ہے وفا کرنا ہمارا شیوہ بے وفاؤں میں گرفتار ہیں ہم
جو کھٹکتا ہے عدو کے دل میں صحن گلشن میں وہی خار ہیں ہم
صورت کرب و بلا اب بھی نوید بیعت کذب سے انکار ہیں ہم ٭٭٭
جو دن کا رات سے ہے روح کا بدن سے ہے وہی تعلق خاطر مرا وطن سے ہے
مرے لبوں کا تبسم بھی ہے عطا اس کی مرے خیال میں خوشبو اسی چمن سے ہے
مرا مقام اگر ہے کوئی تو اس کے سبب مرا مقام کہاں میرے فکر و فن سے ہے
ہے میری ماں، مری چھاں، میرا سائباں دھرتی
بہت عزیز مجھے اپنے جان و تن سے ہے
کڑی کماں ہے عدو کے لئے نوید ابھی ڈٹا ہوا سر میدان بانکپن سے ہے ٭٭٭
ترے غم کی نگہبانی ہے اب تک ہماری آنکھ میں پانی ہے اب تک
بہت نوحے لکھے خاموشیوں نے سخن کی تنگ دانی ہے اب تک
ہٹا کیسے تری قربت کا سایا؟
گیا کیسے تو؟ حیرانی ہے اب تک
تجھے دل میں بسا رکھا ہے ہم نے تجھے ملنے میں آسانی ہے اب تک
تری یادوں کا بکھرا ہے اثاثہ چراغوں کی فراوانی ہے اب تک
محبت مر کے بھی مرتی نہیں ہے نوید اک بات یہ جانی ہے اب تک ٭٭٭
ماخذ:
http://www.ipaki.com/urdu/user_poetry/naveed-siddiqui/index.php
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
حرف تمنا
نوید صدیقی
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
غزلیں
بیان صورت حالات کر رہا ہے کون
جو بات سچ ہے وہی بات کر رہا ہے کون
بساط وقت پہ جمہوریت کے داؤ سے
کچھ اور کم مری اوقات کر رہا ہے کون
کہیں حقوق کہیں مذہبی عناد کی جنگ
یوں ریزہ ریزہ مواخات کرہا ہے کون
اے میرے چارہ گرو، رہبرو، کہو کچھ تو
جو تم نہیں تو یہاں رات کر ر ہا ہے کون
ہیں بے گناہ یہ لیڈر ، یہ اہل زر، یہ وزیر
تو ہم پہ ظلم کی برسات کر رہا ہے کون
جو اہل عقل ہیں، سب جانتے سمجھتے ہیں
وطن کو نذر مفادات کر رہا ہے کون
نودی جن سے غریبوں کی جاں عذاب میں ہے
بپا یہ نت نئی آفات کر رہا ہے کون
٭٭٭
بیاں میں جرم کے حد سے گزر رہے ہیں لوگ
خلاف واقعہ تحریر کر رہے ہیں لوگ
شعور کا ہے کرشمہ یہ شوق تنہائی
کہ رفتہ رفتہ نظر سے اتر رہے ہیں لوگ
امیر شہر تری سادگی قیامت ہے
تو محو جشن ہے اور جل کے مر رہے ہیں لوگ
یہ آج کل کا نہیں، ہے رواج صدیوں کا
ہوا جدھر کی چلی بس ادھر رہے ہیں لوگ
مجھے بھی اپنی زباں کھولنا پڑے گی نوید
مری خموشی پہ الزام دھرے رہے ہیں لوگ
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)