خیمۂ خواب
اسعدؔ بدایونی خیمۂ خواب اسعدؔ بدایونی
انتساب
تیرے نام
نذر توصیف تبسّم، منظور ہاشمی، ایس این شاہ ، بزمیؔ بھارتی
٭
زمین پہ پھول صورتوں کو اے خدا دوام دے
دھنک کے رنگ آسماں پہ بس یونہی کھلے رہیں
٭
میرے سب لفظ بس میرے لیے ہیں کسی کو کچھ نہیں پیغام میرا
غزلیں
میں سوچ رہا ہوں اب کے بڑا کمال ہوا
مجھے اس سے بچھڑتے وقت ذرا نہ ملال ہوا
اک محفل کچھ دن گرم رہی ہنگاموں کی
اور اس کے بعد سبھی کچھ خواب و خیال ہوا
اب یاد سفر کا قصّہ ہے بس اتنا سا
مجھے پیاس لگی، مرے ہونٹ جلے میں نڈھال ہوا
مجھے روک دیا پھر دنیا کی زنجیروں نے
پھر خشک ، زباں پر میری حرفِ وصال ہوا
ہاں اپنا قبیلہ یکتا ہے بدبختی میں
کب ہم میں کوئی سردار بلند اقبال ہوا
اک دکھ سے بھرا دن اور کٹا اس بستی میں
اک سورج کا پھر تاریکی میں زوال ہوا
****
میں اپنی رات کو تاریک تر بتاتا ہوں
پھر اے چراغ، تجھے معتبر بتاتا ہوں!
گرفت جو نہیں ہوتا وہ کس کا پیکر ہے
یہ نقش کیا ہے جسے رات بھر بناتا ہوں
ہوا کی لوح پہ لکھتا ہوں وہم کے منظر
پسِ خیال کوئی رہگزر بناتا ہوں
رمیدگی کے بیاباں مجھے پکارتے ہیں
میں خود کو حاملِ زنجیرِ در بناتا ہوں
میں ایک شاخ کو تلوار کر کے لڑتا ہوں
میں اک گلاب کو اپنی سپر بناتا ہوں
تمام رات سمندر صدائیں دیتا ہے
تمام رات جزیرے میں گھر بناتا ہوں
****
زیاں رسیدہ جزیرے بھی میری آنکھیں بھی
بکھر رہے ہیں کنارے بھی میری آنکھیں بھی
یہ دیکھنا ہے کرن کس طرف سے گزرے گی
کھلے ہوئے ہیں دریچے بھی میری آنکھیں بھی
لکھا ہے سب کے مقدر میں تہہ نشیں ہونا
بھنور نصیب، سفینے بھی میری آنکھیں بھی
میں انتشار کا مارا ہوا مسافر ہوں
بھٹک رہے ہیں یہ رستے بھی میری آنکھیں بھی
گداز برف جو خورشید لمس سے پگھلی
تو رو اٹھے کئی چشمے بھی میری آنکھیں بھی
خزاں نے مجھ کو بھی قربت سے ہم کنار کیا
کہ زرد ہو گئے پتّے بھی میری آنکھیں بھی!
****
زمیں پہ بکھرے ہوئے تیر کس کماں کے ہیں
بڑے عجیب مناظر دیارِ جاں کے ہیں
مہیب رات ہے جنگل ہے اور ہوائیں ہیں
درخت ، جیسے کسی اور ہی جہاں کے ہیں
یقین اپنی جگہ ، انکشاف اپنی جگہ
طویل سب سے مگر سلسلے گماں کے ہیں
سنا ہے بہنے لگا پھر پہاڑ کا سونا
کرشمے دشت میں کیا آتشِ رواں کے ہیں
اِنہیں سے میرا پتہ دشمنوں کو ملنا ہے
یہ سب چراغ یقیناً مرے زیاں کے ہیں
اُجاڑ محلسرائیں ، شکستہ کنگورے
کمر خمیدہ ، نشانات رفتگاں کے ہیں
****
موسمِ ہجر تو دائم ہے نہ رخصت ہو گا
ایک ہی لمحے کو ہو وصل ، غنیمت ہو گا
میرا دل آخری تارے کی طرح ہے گویا
ڈوبنا اس کا نئے دن کی بشارت ہو گا
اب کے ہنگامہ نئی طرح ہوا ہے آغاز
شہر بھی اب کے نئے طور سے غارت ہو گا
شاخ سے ٹوٹ کے پتّے نے یہ دل میں سوچا
کون اس طرح بھلا مائلِ ہجرت ہو گا
دل سے دنیا کا جو رشتہ ہے عجب رشتہ ہے
ہم جو ٹوٹے ہیں تو کب شہر سلامت ہو گا
بادبانوں سے ہوا لگ کے گلے روتی ہے
یہ سفینہ بھی کسی موج کی قسمت ہو گا
****
جسے نہ میری اداسی کا کچھ خیال آیا
میں اس کے جملہ محاسن پہ خاک ڈال آیا
یہ عشق خوب رہا باوجود ملنے کے
نہ درمیان کبھی لمحۂ وصال آیا
اشارہ کرنے لگے ہیں بھنور کے ہاتھ ہمیں
خوشا کہ پھر دلِ دریا میں اشتعال آیا
مروتوں کے ثمر داغدار ہونے لگے
محبتوں کے شجر تجھ پہ کیا زوال آیا
حسین شکل کو دیکھا خدا کو یاد کیا
کسی گناہ کا دل میں کہاں خیال آیا
خدا بچائے تصوف گزیدہ لوگوں سے
کوئی جو شعر بھلا سن لیا تو حال آیا
****
ابھی زمین کو سودا بہت سروں کا ہے
جماؤ دونوں محاذوں پہ لشکروں کا ہے
کسی خیال کسی خواب کے سوا کیا ہے
وہ بستیاں کہ جہاں سلسلہ گھروں کا ہے
اُفق پہ جانے یہ کیا شئے طلوع ہوتی ہے
سماں عجیب پر اسرار پیکروں کا ہے
یہ شہر چھوڑ کے جانا بھی معرکہ ہو گا
عجیب ربط عمارت سے پتھروں کا ہے
وہ ایک پھول جو بہتا ہے سطحِ دریا پر
اسے خبر ہے کہ کیا دکھ شناوروں کا ہے
اتر گیا ہے وہ دریا جو تھا چڑھاؤ پر
بس اب جماؤ کناروں پہ پتھروں کا ہے
****
بستیوں میں آہ و زاری ہو رہی ہے شام سے
کچھ نہ کچھ نازل تو ہو گا چرخِ نیلی فام سے
دشتِ غربت میں ہوا ساری طنابیں لے اُڑی
میرا خیمہ رہ سکا کب ایک پل آرام سے
اب تو آوازوں کے جمگھٹ ہیں مرے چاروں طرف
رابطہ پہلے تھا میرا بس سُکوتِ شام سے
کارِ دنیا میں کہاں تک عاشقی کوئی کرے
وہ بھی اپنے کام سے ہے میں بھی اپنے کام سے
میری آنکھوں کو اسی منظر کی اب تک جستجو
میرا دل اب تک دھڑکتا ہے اسی کے نام سے
میں بھی سارے مسئلوں سے سرسری گزروں اگر
سوچتا ہوں عمر گزرے گی بڑے آرام سے
****
سایہ گھروں پہ خوف کے منظر کا ہو گیا
عادی تمام شہر کسی ڈر کا ہو گیا
اب چاہتے ہیں اور نیا کوئی حادثہ
لکھا ہوا تمام ، مقدر کا ہو گیا
بے بادباں جو ناؤ ہماری ہوئی تو کیا
کچھ اشتعال کم تو سمندر کا ہو گیا
یا اس کماں کے تیر ہی کچھ موم ہو گئے
یا پھر مرا وجود ہی پتھر کا ہو گیا
یا اب وہ کشتگانِ تمنا نہیں رہے
یا خاتمہ ہر ایک ستمگر کا ہو گیا
فکرِ معاش کھا گئی شعر و ادب کا شوق
جو گھر سے بھاگتا تھا وہی گھر کا ہو گیا
****
آہوئے رم خوردہ پابندِ مکاں ہوتا ہوا
ایک منظر ہجرتوں کا ، بیکراں ہوتا ہوا
ساعتیں آہستہ آہستہ جواں ہوتی ہوئی
مہرِ عالم تاب کوئی ضو فشاں ہوتا ہوا
وحشتِ شامِ الم گویا فنا ہوتی ہوئی
دل میں اک بے نام سا جذبہ جواں ہوتا ہوا
پھول سے بچوں کے لب پر بارشوں کی آیتیں
ابرِ رحمت کھیتیوں پر مہرباں ہوتا ہوا
در پئے آزار ہر موسم ہمارے ہی لئے
سب محاذوں پر ہمارا ہی زیاں ہوتا ہوا
حسرتِ اظہار سینے میں فنا ہوتی ہوئی
اک ہنر میری رگوں میں رائیگاں ہوتا ہوا
****
جہاں تک نظر جائے برپا جزیروں میں ہیجان دیکھوں
سمندر کی موجوں کو اک روز اپنا نگہبان دیکھوں
سوالوں کے مشکل جوابوں کی جانب مرا ذہن پہنچے
کتابوں میں لکھی عبارت کا مفہوم آسان دیکھوں
مقدر میں میرے گھنے جنگلوں کی شبیں لکھ گئی ہیں
ہواؤں کی سرگوشیوں سے درختوں کو حیران دیکھوں
مکانوں کے آنگن اُجالوں سے خالی میں ہر صبح پاؤں
چراغوں کی لمبی قطاریں سرِ شام بے جان دیکھوں
سفر کس لیے مجھ کو بخشا ہے ساکت سمندر کا یا رب!
مری اصل خواہش تو یہ تھی کہ میں کوئی طوفان دیکھوں
کبھی تو کنول دوستوں کی نگاہوں سے خوشیوں کے جھانکیں
منافق زمانے کا چہرہ کبھی تو پریشان دیکھوں
****
سارے خیمے خاک سے اٹ گئے ہو گئی رن میں شام
ایک کہانی ، ایک حقیقت، صدیوں سے ہے عام
ہر سنّاٹا ، ہر محرومی ، میرے گھر کا رزق
سبز مناظر ، روشن لمحے ، سب یاروں کے نام
اب کے سفر سے ہم لوٹے تو ، یوں محسوس ہوا
ایک تھکن ہے جس کے بیاں سے قاصر لفظ تمام
قریۂ وحشت اب کے برس ہے کیوں اتنا خاموش
کیا افتاد پڑی لوگوں پر سوگئے سب سرِ شام
اپنے یقیں کے خون سے اس کو ہم سیراب کریں
ایک مدّت سے سوکھ رہی ہے جو فصلِ اوہام
میں لفظوں کی کوزہ گری میں کب مشّاق ہوا
کاش ودیعت ہوتا مجھ کو اور ہی کوئی کام
****
لمسِ گم گشتہ کی لذّت ڈھونڈنا
قریہ قریہ ایک صورت ڈھونڈنا
اب نہ ان آنکھوں میں دریا دیکھنا
اب نہ اس چہرے پہ حیرت ڈھونڈنا
چشمۂ وصل اور کتنی دور ہے
اب تو لگتا ہے قیامت ڈھونڈنا
چاک پر مٹّی کو رکھنا اور پھر
گردشوں میں کوئی صورت ڈھونڈنا
دیکھنا آنکھوں سے کچّی کاوشیں
بیکراں شہروں میں حیرت ڈھونڈنا
ہوں ابھی تک جاں کے زنداں میں اسیر
بعد مردن میری حسرت ڈھونڈنا
****
بغیر بات کے مصروفِ گفتگو ہونا
ہر ایک شام یہی جشنِ ہاؤ ہو ہونا
وہ کون ہے جو گھنی بارشوں سے خائف ہے
کسے عزیز ہے مٹّی کا بے نمو ہونا
شمار ہونا بھی مشکل ہے کشتگاں میں یہاں
بہت کٹھن ہے قبیلے کی آبرو ہونا
جو دید بانِ مظاہر ہیں ان کی سوچ الگ
مری نظر میں شفق، شام کا لہو ہونا
سوائے سر کی قطاروں کے اور کیا دیگا
کسی محاذ پہ فوجوں کا روبرو ہونا
ستارے ڈوبتے جاتے ہیں میری آنکھوں میں
تمام کارِ زیاں ہے ستارہ جو ہونا
****
مہر و مہتاب صفت ناقہ سوار اچّھے تھے
قافلے ان کے بصد گرد و غبار اچھے تھے
ہاں کبھی خواب میں دیکھا تھا مری آنکھوں نے
اک گھر جس کے سبھی نقش و نگار اچھے تھے
شام ہوتی تھی تو اک حشر بپا ہوتا تھا
اِن جزیروں سے وہ پر شور دیار اچھے تھے
جب قریب آئے تو الجھن کا سبب بھی نکلے
جتنے چہرے تھے پسِ گرد و غبار اچھے تھے
اب تو جیسے کسی آشوب کا بستی ہے شکار
لوگ پہلے کے سبھی کوہ وقار اچھے تھے
بس تری شکل سے خالی تھے دریچے سارے
ویسے پردیس کے منظر مرے یار اچھے تھے
****
میں وحشت خوردہ آہو تھا دنیا نے مجھے زنجیر کیا
مری کھال کو اپنے کمروں کی آرائش سے تعبیر کیا
تھی چہروں کی پہچان مجھے اس جرم پہ ظالم لوگوں نے
مرے سر کو نیزے پر رکّھا ، مرے دل میں ترازو تیر کیا
ہر دھوپ کو تیرے روپ کی چھب، ہر رنگ کو تیرا رنگِ لب
ہر جھیل سمندر دریا کو تری آنکھوں سے تعبیر کیا
میں سیدھا سچّا بندہ تھا مرا کام دکھوں کا دھندا تھا
اک روز اچانک موسم نے مجھ زندہ کو تصویر کیا
میں ایسا دانا کب کا تھا، میں ایسا بندہ کس کا تھا
کچھ خواب دیے اس مالک نے اور ان کو مری تقدیر کیا
****
مرے شجر ، تجھے موسم نیا بناتے رہیں
گلابِ صبر تری ٹہنیوں پہ آتے رہیں
جو دوستوں کی کمانوں کو تیر دیتا ہے
ہمیں یہ ظرف بھی بخشے کہ زخم کھاتے رہیں
بس اک چراغ ہے اپنی متاعِ بیش بہا
سو شام آتی رہے ہم اسے جلاتے رہیں
سحر کے رنگ دریچوں کو سیر کرتے جائیں
ہوا کے جھونکے کھلے آنگنوں میں آتے رہیں
کبھی کبھی کوئی سورج طلوع ہوتا رہے
ردائے ابر میں تارے بھی منہ چھپاتے رہیں
فصیلِ شہرِ انا رفتہ رفتہ گرتی جائے
یہ زلزلے مری جاں میں ہمیشہ آتے رہیں
****
تجھ سے ہیں منسوب اجڑنے کے سب شکوے گلے
تیرے سبب ہی وادیِ جاں میں کیا کیا پھول کھلے
پھر کوئی حسرت آنسو کی کشتی میں بیٹھ گئی
پھر آنکھوں کے دریا جاگے پھر پتوار ہلے
جو پیراہن چاک ہوئے تھے تیرے ہجر میں سب
وصل کی رُت کیا آئی جاناں اپنے آپ سلے
جس پیکر کا لمس میسّر ہونا تھا دشوار
مجھ کو خوشی ہے ان ہونٹوں پر میرے لفظ کھلے
شاید تجھ سے ملنے کے دن آ پہنچے نزدیک
پتّوں سے آوازیں نکلیں اور اشجار ہلے
ہم کو اپنی بے رنگی پر ٹوٹ کے آیا پیار
اپنے اپنے رنگ سمیٹے سارے لوگ ملے
****
اب ان آنکھوں سے ہر سو رقصِ وحشت دیکھتا ہوں میں
گھنی آبادیاں تاراج و غارت دیکھتا ہوں میں
بدن کے بحر میں کیا کیا بلائیں ہیں خدا جانے
کہ اپنی روح میں پیہم اذیّت دیکھتا ہوں میں
لبادوں میں لپٹ کر سوگئیں ساری تمنائیں
بہت سنسان اب راہِ مسافت دیکھتا ہوں میں
ہوا کرتی ہیں دونوں کی ملاقاتیں کنارے پر
وہ اک دریا ہے جس میں اپنی صورت دیکھتا ہوں میں
پڑی ہے اب کے یہ افتاد کیسی میری آنکھوں پر
ہر اک تصویر میں کوئی نہایت دیکھتا ہوں میں
پرندوں کی اڑانوں سے عرض مجھ کو نہیں کوئی
مگر حسرت سے ان کو وقتِ رخصت دیکھتا ہوں میں
****
اک رات ادھورے خوابوں کا انجام ہوئی
اک صبح عجب تعبیروں کا پیغام ہوئی
اک گھنے سفر کا چکّر سب کے پیروں میں
اک حسرت ساری آنکھوں میں ناکام ہوئی
ہم ایک مسلسل ہجر میں ساری عمر رہے
اور وصل کی رت بس ایک خیالِ خام ہوئی
یہ بنجر خطّہ صرف ہمارا ورثہ تھا
اس دل کی زمیں کب اور کسی کے نام ہوئی
پھر بستی پر کیا قہر اترنے والا ہے
کیوں رونے کی لوگوں میں عادت عام ہوئی
جس کو بھی عطا مالک نے کیا سو خوب کیا
کچھ ریگِ رواں ہم پیاسوں کو انعام ہوئی
****
کوئی فسانہ فتح و ظفر کا ، کوئی کہانی خوف و خطر کی
دیواریں کہتی رہتی ہیں اکثر مجھ سے میرے گھر کی
اب کے جاں کی خیر نہیں ہے یا تو ہم ، یا شہر نہیں ہے
فوج فصیلوں تک آ پہنچی کون لگائے بازی سر کی
کب بارش کی بوچھاروں سے چھت پر گھنگھرو سے بولیں گے
دیواروں پر کب ارزانی ہو گی سبزۂ خوش منظر کی
میں نے خواب میں دریا دیکھا ، جس کے کنارے سونے کے تھے
دریا کا پانی شیشہ تھا، شیشے میں کشتی پتھر کی
صبح سے شام ہوئی جاتی ہے ، عمر تمام ہوئی جاتی ہے
میں گیلی مٹّی پر بیٹھا گنتا ہوں لہریں ساگر کی
دنیا سے سمجھوتہ کرنا سب کی مجبوری ہے لیکن
میں اکثر سنتا رہتا ہوں آوازیں اپنے اندر کی
****
وہ لوگ بھی کیسے لوگ ہیں جو کوئی بات فضول نہیں کرتے
یہ سارے قصّے جھوٹے ہیں ہم ان کو قبول نہیں کرتے
تمہیں علم نہیں ہے یقین کرو، میں قریب سے جانتا ہوں انکو
کچھ سوداگر ایسے بھی ہیں ، جو قرض وصول نہیں کرتے
میں پتھر لے کر بیٹھا ہوں اور اس بستی کے دانا اب
کیوں کارِ شیشہ گری کر کے مجھ کو مشغول نہیں کرتے
کسی رن میں ساتھ حسینؑ کا دیں کسی نہر سے پانی لے آئیں
اس شہر کے سارے نوحہ گر کوئی ایسی بھول نہیں کرتے
مرے نام کے حرف چمکتے ہیں لیکن یہ چمک ہے شعلوں کی
میں ایک ایسی سچّائی ہوں جسے لوگ قبول نہیں کرتے
مجھے بھول کے نادم مت ہونا اے اگلی نسلوں کے بچّو!
ہاں اپنے بزرگوں کا ماتم کبھی تازہ پھول نہیں کرتے
****
واقعہ سخت ہے اے یار مگر ہونا ہے
اب کے دریا کا دیاروں سے گزر ہونا ہے
اب بھی نیزوں کی تشکیل میں ہے کتنی دیر
جن پہ اک روز یقیناً مرا سر ہونا ہے
میرے بعد آئیں گے جو مجھ سے نہ اچھے ہونگے
نسل در نسل یونہی شہر میں شر ہونا ہے
اپنے بازو ہی علم کرنا ہیں ہر مقتل میں
اپنا سینہ ہی بہرحال سپر ہونا ہے
کشتیاں مجھ سے ہی تیار کرے گی دنیا
کیا برا جو مری قسمت میں شجر ہونا ہے
بستیو !تم کو خرابوں میں بدلنا ہو گا
جنگلو تم کو ابھی راہ گزر ہونا ہے
****
باشندہ میں دشتِ زیاں کا سورج میرا ہم سایہ تھا
کس نے مجھ کو پیار کیا تھا کس نے آنچل لہرایا تھا
کتنے چراغ بجھے جاتے تھے ، کتنے دریچے تھرّاتے تھے
شام پڑے جب کوئی جھونکا وادیِ جاں میں در آیا تھا
خلقِ خدا حیران کھڑی تھی کیسی عجب افتاد پڑی تھی
وجد میں آ کر جب موسم نے رقص اچانک دکھلایا تھا
جن سے دیپک جل اٹّھے تھے ، جس سے راتیں جاگ پڑی تھیں
وہ تانیں کس نے چھیڑی تھیں وہ نغمہ کس نے گایا تھا
ایک گھنا گہرا جنگل تھا جس میں دو آنکھیں روشن تھیں
ہر رستہ مسدود پڑا تھا ہر جانب کُہرا چھایا تھا
وہ چھتنار کے گن گاتا تھا ساتھ تھا جلتا سورج جس کے
اس نے دھوپ قصیدے لکّھے جس کی قسمت میں سایہ تھا
****
گاؤں کی آنکھ سے بستی کی نظر سے دیکھا
ایک ہی رنگ ہے دنیا کو جدھر سے دیکھا
ہم سے اے حُسن ادا کب ترا حق ہو پایا
آنکھ بھر تجھ کو بزرگوں کے نہ ڈر سے دیکھا
اپنی باہوں کی طرح مجھ کو لگیں سب شاخیں
چاند الجھا ہوا جس رات شجر سے دیکھا
ہم کسی جنگ میں شامل نہ ہوئے بس ہم نے
ہر تماشے کو فقط راہگزر سے دیکھا
ہر چمکتے ہوئے منظر سے رہے ہم ناراض
سارے چہروں کو سدا دیدہ تر سے دیکھا
پھول سے بچّوں کے شانوں پہ تھے بھاری بستے
ہم نے اسکول کو دشمن کی نظر سے دیکھا
****
اتنے چہروں میں کوئی شکل تو پیاری نکلے
دیکھ کر جس کو دعا جاں سے ہماری نکلے
ریگ مقتل کو سجایا تیرے دیوانوں نے
وار سارے تری تلوار کے کاری نکلے
ہم تو اس ساعتِ سفاک کو روتے ہیں میاں
جب افق یار نہ رنگوں کی سواری نکلے
میں بھی دنیا کی طرح بچ کے گزرنا چاہوں
کوئی پتھر جو مری راہ کا بھاری نکلے
پھر کسی جنگ کے امکان نہ تازہ ہو جائیں
پھر غنیموں سے عزیزوں کی نہ یاری نکلے
مجھ کو دنیا میں کوئی اپنے برابر نہ ملا
جتنے منصب تھے سبھی پنچ ہزاری نکلے
****
کچھ سائے ماضی و حال کے ہیں کچھ منظر استقبال کے ہیں
کچھ راتیں ہجر پہ آمادہ کچھ لمحے شوقِ وصال کے ہیں
اس شہرِ زیاں سے باہر کے منظر ہوں مبارک یاروں کو
ہم خوگر دھوپ کی شدت کے ہم عادی گردِ ملال کے ہیں
اک نہر رواں ہے جذبوں کی ،ہم جس کے کنارے بیٹھے ہیں
اسباب ہے کچھ اندیشوں کا کچھ خیمے خواب و خیال کے ہیں
ہر قریے میں بس ایک دعا، ہر بستی میں بس ایک صدا
سب قصّے رزق کے ہیں سب جھگڑے مال و منال کے ہیں
یہ چکّر نہ جانے کب ٹوٹے یہ ڈور نہ جانے کب چھوٹے
ہم مجرم ہیں کچھ سانسوں کے، ہم قیدی ماہ و سال کے ہیں
****
یقین سے نکلے تو جیسے گماں کی زد میں ہیں
یہ کیا تضاد ہے ہم کس زیاں کی زد میں ہیں
بہت طویل ہیں گویا رتوں کی زنجیریں
نئے شگوفے سبھی رفتگاں کی زد میں ہیں
انھیں نصیب ہو اب ماورا کوئی ساعت
ازل سے پیڑ بہار و خزاں کی زد میں ہیں
وہی سفر ہے سمندر بھی کشتیاں بھی وہی
ہوائیں اب کے مگر بادباں کی زد میں ہیں
سنو چراغ بجھا دو تمام خیمے کے !
مرے عزیز شبِ امتحاں کی زد میں ہیں
جو ہم پہ عرصۂ خوش منظری میں بیت گئیں
کہانیاں ہیں ، مگر کب بیان کی زد میں ہیں
****
ساحل کی گیلی مٹی پر نقشِ کف پا کوئی نہیں ہے
ہم سے پہلے اس ساگر میں شاید اترا کوئی نہیں ہے
راتوں کے گہرے سنّاٹے اب شاموں سے چھا جاتے ہیں
بستی میں ہو کا عالم ہے باتیں کرتا کوئی نہیں ہے
شہ راہوں کے دونوں جانب اب بھی تناور پیڑ کھڑے ہیں
لیکن ان کے سائے میں اب چلنے والا کوئی نہیں ہے
سارے موسم اپنے اپنے پس منظر میں خوب ہیں لیکن
تجھ بن مجھ کو گرمی جاڑا اچّھا لگتا کوئی نہیں ہے
اترے ہو تو تیرتے جاؤ جب تک جسم میں جاں باقی ہے
دکھ ساگر بے انت سدا کا اس کا کنارا کوئی نہیں ہے
میں نے کب دنیا دیکھی ہے مجھ کو کب پڑھنا آتا ہے
شاعر تو لاکھوں ہیں لیکن میرے جیسا کوئی نہیں ہے
****
زیاں ہمیں بھی جگر داریوں سے کیا نہ ہوا
مگر یہ دل کہ ذرا بھی گریز پا نہ ہوا
زمیں پہ گر گئے اوراقِ گل سے قطرے سب
ہوا کا ہاتھ اچانک جو مشفقانہ ہوا
جو میری جاں میں کسی آبجو کی صورت تھا
مجھے گماں کبھی اس سراب کا نہ ہوا
کہاں کا پیڑ کہاں کے ثمر کہاں سایہ
طلسم خاک سے دانہ اگر رہا نہ ہوا
کنارِ آبِ رواں خیمہ تشنگی کا تھا
میں اس تضاد سے تا عمر آشنا نہ ہوا
وہ اتفاق سے اک روز مل گیا تھا کہیں
پھر اس کے بعد ان آنکھوں میں ڈوبنا نہ ہوا
****
پھر آنکھ کو بس اک ہی چہرہ ، اور ایک ہی نام نظر آیا
اس عشق کے بعد بہت دن تک ہر غم آرام نظر آیا
دم اپنا نکلنے والا ہے ، یہ سورج ڈھلنے والا ہے
لو دن کی مسافت ختم ہوئی لو دشتِ شام نظر آیا
سب خلق گھروں میں سوتی تھی، جب آوازوں نے دستک دی
سب شہر اداسی میں گم تھا ، جب ماہِ تمام نظر آیا
کیوں میری سب تصویروں میں اسے رنگ اداس دکھائی دئیے
کیوں میری ساری باتوں میں اس کو ابہام نظر آیا
ہم شہر میں تھے اک مدّت سے کل ہم کو اچانک شام ڈھلے
اک پیاری شکل دکھائی دی اک روشن بام نظر آیا
ہم شعر نہ کہتے بہتر تھا ہم عشق نہ کرتے اچّھا تھا
کیوں اپنے لیے دنیا میں ہمیں بس ایک ہی کام نظر آیا
****
وہ کیسے پھول لوگ تھے جو دھول ہو گئے
زمین تیرے دام تو وصول ہو گئے
تھے ابتدا میں فلسفے تمام اختراع
قدامتوں کو چھو کے سب اصول ہو گئے
کسی کی بارگاہ میں داخلہ تو ملا
دُعا کی طرح ایک دن قبول ہو گئے
ہمیں بھی لوگ درمیاں سے سن کے اٹھ گئے
کہ ہم بھی ایک داستاں کا طول ہو گئے
وگرنہ سارے لفظ خاک دھول تھے فقط
ترے لبوں تک آ گئے تو پھول ہو گئے
****
آنکھوں نے بہت دن سے قیامت نہیں دیکھی
مدّت ہوئی اچھی کوئی صورت نہیں دیکھی
چہروں کی طرح کس لئے مرجھائے ہوئے ہیں
پھولوں نے تو ہم جیسی مصیبت نہیں دیکھی
وہ شہر سے گزرا تھا فقط یاد ہے اتنا
پھر کوئی بھی دستار سلامت نہیں دیکھی
لوٹے جو مسافت سے تو میں اس سے یہ پوچھوں
بستی تو کوئی راہ میں غارت نہیں دیکھی
گرتے ہوئے پتوں کی صدائیں مرے دل سے
کہتی ہیں کہ تو نے کوئی ہجرت نہیں دیکھی
****
دل شاخوں پہ کھل اٹھیں گے پھول، مرادوں والے
جس دن ہم سے آن ملیں گے ساجن وعدوں والے
منظر منظر ڈھونڈ رہے ہیں ایک پھول سا چہرہ
جس سے کچھ دن وابستہ ہیں اچّھی یادوں والے
دل پہ یہ کیسی چادر ہے ایک گھنیرے دکھ کی
جیسے شہر پہ گہرے بادل ساون بھادوں والے
گلشن کے سب پتّے گویا سبز علم کی صورت
ننھے ننھے پھول، سپاہی سرخ لبادوں والے
چل کر ان سے پوچھیں کیا ہے عشق پہ ان کی رائے
بستی میں کچھ لوگ تو ہوں گے نیک ارادوں والے
****
میں جھوٹا حرف گواہی کا ، میں کاذب لفظ کہانی کا
کیوں اب تک رشتہ باقی ہے ، مری آنکھوں سے حیرانی کا
میں ابرِ وصال میں بھیگ چکا ، میں ہجر کی آگ میں راکھ ہوا
دل دریا اب بھی جوش میں ہے عالم ہے وہی طغیانی کا
میں تنہائی کے ساحل پر ، مصروفِ نظارہ ہوں کب سے
اک اپنا حُسن نرالا ہے یاں ہر موجِ امکانی کا
مرے شہر دکھوں کی لہر میں ہیں ، مرے لوگ زیاں کے بحر میں ہیں
کوئی اسم عطا کر خوشیوں کا کوئی رستہ دے آسانی کا
اے دشت کے مالک مُجھ کو بھی ، تو دست عطا سے ارزاں کر
کچھ جھونکے سرد ہواؤں کے ، اک چشمہ میٹھے پانی کا
****
دھوپ گہر جنگلوں میں خیمہ زن ہوتی ہوئی
رفتہ رفتہ دور خوابوں کی تھکن ہوتی ہوئی
ہر طرف آغاز سرما کے پرندے بے شمار
جن کی آوازوں سے جھیلوں کو چبھن ہوتی ہوئی
دل سرائے میں بہت سے رنگ شرماتے ہوئے
آسمانوں پر ہویدا اک کرن ہوتی ہوئی
سبزۂ نورستہ دیواروں پہ اٹھلاتا ہوا!
اک پرانی سی حویلی خوش بدن ہوتی ہوئی
اک خزاں آمادگی چاروں طرف اشجار میں
اک بستی غرقِ صد رنج و محن ہوتی ہوئی
****
روشنی میں کس قدر دیوار و در اچھے لگے
شہر کے سارے مکاں سارے کھنڈر اچھے لگے
پہلے پہلے میں بھی تھا امن و اماں کا معترف
اور پھر ایسا ہوا نیزوں پہ سر اچھے لگے
جب تلک آزاد تھے ہر اک مسافت تھی وبال
جب پڑی زنجیر پیروں میں سفر اچھے لگے
دائرہ در دائرہ پانی کا رقصِ جاوداں
آنکھ کی پتلی کو دریا کے بھنور اچھے لگے
کیسے کیسے مرحلے سر تیری خاطر سے کئے
کیسے کیسے لوگ تیرے نام پر اچھے لگے
****
آسماں کے سر پہ بادل کی ردا کب آئے گی
کھیتیوں کو یاد بارش کی دعا کب آئے گی
اک منظر خیمۂ مژگاں سے کب ہو گا طلوع
ایک ساعت سارے لمحوں سے جدا کب آئے گی
دیدۂ بیدار کو نینوں سے کرنے ہم کنار
رات ، کالی رات اے میرے خدا کب آئے گی
سات رنگوں کی کماں ہو گی افق پر کب نمود
مژدۂ خوش منظری لے کر ہوا کب آئے گی
رفتگاں کے نقشِ پا آخر کہاں تک جائیں گے
یہ سفر کب ختم ہو گا انتہا کب آئے گی
****
چند امکاں تھے نگاہوں میں کدھر رخصت ہوئے
ساتھ ہی جن کے ، مرے عیب و ہنر رخصت ہوئے
حادثہ وہ تھا کہ آنکھوں سے بصارت چھن گئی
سانحہ یہ ہے کہ پیروں سے سفر رخصت ہوئے
آسمانوں سے پرندے لوٹنے کا وقت ہے
اس سمے پیڑوں سے یہ طائر کدھر رخصت ہوئے
سیدھے سادے پانیوں کا اب سفر درپیش ہے
معجزہ یارو کہ دریا سے بھنور رخصت ہوئے
چاہتے تھے دیکھنا کوہِ ندا کے پیچ و خم
روکنا چاہا ہمیں سب نے مگر رخصت ہوئے
****
ہر حقیقت پہ سرابوں کا گماں ہونے کو ہے
رفتہ رفتہ روشنی ساری دھواں ہونے کو ہے
میں بھی لوحِ وقت سے اک روز مٹ جانے کو ہوں
تیری مٹی بھی کسی دن رائیگاں ہونے کو ہے
پیش خیمہ ہے یہ سنّاٹا کسی طوفان کا !
پھر اسی جانب سمندر مہرباں ہونے کو ہے
ساحلوں سے پھر جدا ہونے کی ساعت آ گئی
بادباں کھلنے کو ہیں کشتی رواں ہونے کو ہے
شام کے طائر قطار اندر قطار آنے لگے
تیرگی میں پھر ہر اک منظر نہاں ہونے کو ہے
****
پھر بجز دشت کہاں جا کے رہیں چاہنے والے تیرے
عرصۂ شہر میں عنقا ہیں زمانے سے حوالے تیرے
تو نے کوتاہی نہ کی خاک اڑانے میں ہماری تو کیا
ہم نے بھی باغ میں کلیوں میں بہت رنگ اچھالے تیرے
یہ الگ بات کہ ہے اس میں زیاں ان کا سراسر لیکن
نقدِ جاں نیزوں پہ رکّھے ہوئے پھرتے ہیں جیالے تیرے
خاک زا سارے مناظر ، مرا بوسیدہ لبادہ جیسے
سبز خطّے نظر آتے ہیں مجھے شال دو شالے تیرے
عکس مت جان کہ ہونے پہ بھی اصرار مجھے ہے جاناں
میں وہی شخص ہوں جس نے کبھی احکام نہ ٹالے تیرے
****
سب کے پیروں میں وہی رزق کا چکّر کیوں ہے
گریہ اس عہد کے لوگوں کا مقدر کیوں ہے
یہ جو منظر ہیں بڑے کیوں ہیں مری آنکھوں سے
یہ جو دنیا ہے مرے دل کے برابر کیوں ہے
آسمانوں پہ بہت دیر سے ٹھہری ہے شفق
سوچتا ہوں کہ ابھی تک یہی منظر کیوں ہے
میں بظاہر تو اجالوں میں بسر کرتا ہوں
اک پراسرار سیاہی مرے اندر کیوں ہے
کشتیاں ڈوب چکیں سرپھرے غرقاب ہوئے
مشتعل اب بھی اسی طرح سمندر کیوں ہے
****
طے کرسکا مسافتِ دنیا نہ تو نہ میں
لیکن کسی نواح میں ٹھہرا نہ تو نہ میں
کیا سوچ کر سفر پہ روانہ ہوئے ہیں ہم
لوگوں سے راستوں سے شناسا نہ تو نہ میں
شامیں سجائیں ہم نے سدا انتظار کی
دامِ فریب صبح میں آیا نہ تو نہ میں
اپنی رفاقتوں میں کوئی کھوٹ تو نہیں
اب تک ہوا ہے شہر میں رسوا نہ تو نہ میں
کوہِ انا کی برف تھے دونوں جمے رہے
جذبوں کی تیز دھوپ سے پگھلا نہ تو نہ میں
****
خدا اگر مجھے خوابوں سے ماورا رکھتا
تو اپنا نام میں زیرِ فلک خدا رکھتا
دیارِ درد میں دریا دلی رواں کرتا
حصارِ گرد میں آسودگی روا رکھتا
کبھی قدم نہ پڑے میرے ان زمینوں پر
جہاں میں ایک نئے شہر کی بنا رکھتا
گرا جو قطرۂ آخر تو یہ خیال آیا
لہو کچھ آنکھ میں کل کے لیے بچا رکھتا
مری نجات اسی میں تھی اب ہوا معلوم
نہ رکھتا قرب کسی سے نہ فاصلہ رکھتا
****
ان کے پتوار، ملّاح، اور بادباں یاد رکھ
ساحلوں پر جلائی ہوئی کشتیاں یاد رکھ
سبز و شاداب سارے مناظر فقط خواب میں
دشتِ جاں ، تجھ میں پلتے ہیں برگ خزاں یاد رکھ
اپنے پیروں کے نیچے زمیں کے گماں میں نہ رہ
تیرے سر پر مسلّط ہیں سات آسماں یاد رکھ
تبصروں کی کسی پر ضرورت نہیں ، کچھ نہ کہہ
دوستوں کی خوشامد، متاع گراں یاد رکھ
تیری شہرت میں ان کا بھی کچھ ہاتھ ہے غور کر
دشمنوں سے بھی سرزد ہوئیں نیکیاں یاد رکھ
****
عجب دن تھے کہ ان آنکھوں میں کوئی خواب رہتا تھا
کبھی حاصل ہمیں خس و خانہ و برفاب رہتا تھا
ابھرنا ڈوبنا اب کشتیوں کا ہم کہاں دیکھیں
وہ دریا کیا ہوا جس میں سدا گرداب رہتا تھا
وہ سورج سوگیا ہے برف زاروں میں کہیں جا کر
دھڑکتا رات دن جس سے دِل بیتاب رہتا تھا
جسے پڑھتے تو یاد آتا تھا تیرا پھول سا چہرہ
ہماری سب کتابوں میں اک ایسا باب رہتا تھا
سہانے موسموں میں اس کی طغیانی قیامت تھی
جو دریا گرمیوں کی دھوپ میں پایاب رہتا تھا
****
بجلیاں چمکیں بدن میں ،دشتِ جاں روشن ہوا
پھر کسی آہٹ سے اک سونا مکاں روشن ہوا
بارِش گریہ رکی ، بادل چھٹے ، سورج ہنسا!
دھوپ اتری زینہ زینہ آسمان روشن ہوا
جگنوؤں کے غول جب پامال کر ڈالے گئے
لوحِ دل پر ایک حرفِ جاوداں روشن ہوا
کھل اٹھے چہرے سبھی کے میرے عیبوں کا چراغ
ایک دن جب دوستوں کے درمیان روشن ہوا
اس کو پانے کا یقیں اک روز آخر بجھ گیا
اس کو کھونے کا مرے اندر گمان روشن ہوا
****
مجھ کو حیرانی ہوئی یہ رکھ رکھاؤ دیکھ کر
آندھیوں کی سمت پیڑوں کا جھکاؤ دیکھ کر
اس قدر سفاک ہیں دریا کی تلواریں کہ بس
دل لرزتا ہے زمینوں کا کٹاؤ دیکھ کر
قصّہ خوانی کا جنوں اب تک لہو میں زندہ ہے
داستانیں یاد آتی ہیں الاؤ دیکھ کر !
ساحلوں تک واپسی کے راستے مسدود تھے
اور بھنور کی آنکھ بھی روتی تھی ناؤ دیکھ کر
آسمانوں سے نویدِ آخری آنے کو ہے !!
ہم بھی اس کے منتظر ہیں تم بھی جاؤ دیکھ کر
****
چند منصوبے مکمل ہو گیے
بوجھ سے شانے مگر شل ہو گیے
وہ بھی کیسے رونے والے لوگ تھے
سر سے پاوں تک جو بادل ہو گیے
دھیرے دھیرے رونقیں جاتی رہیں
رفتہ رفتہ لوگ اوجھل ہو گیے
آسمانوں تک دُعا جاتی نہیں
سارے دروازے مقفل ہو گیے
ایسے منظر تھے کہ آنکھیں جل بجھیں
ایسی بارش تھی کہ جل تھل ہو گیے
****
کب تک آخر نیزوں پر سر رکھے جائیں
قتل گہوں میں دوسرے منظر رکھے جائیں
اک دریا سے میری پیاس بجھے گی کیسے !
میرے لیے دوچار سمندر رکھے جائیں
جس بستی میں رن پڑنا ہے رات گئے واں
نیند کے دشمن سارے لشکر رکھے جائیں
خوشبو کیوں آزاد ہوئی ہے میں کیا جانوں
یہ سارے الزام ہوا پر رکھے جائیں
مصلحتوں کے طاقوں میں گنجائش کب ہے
سب ہنگامے گھر سے باہر رکھے جائیں
****
کوئی سبیل نہیں خود سے گفتگو کے سوا !
رفیق کون اس آشوب میں لہو کے سوا
یہ کہہ کے روز بلاتی ہے میری خاک مجھے
رکھا ہی کیا ہے زمانے میں رنگ و بو کے سوا
مری صدا کا نہیں ہے کوئی جواب تو پھر
میں کس کی نذر کروں نقدِ جاں عدو کے سوا
سماعتوں پہ مگر اعتبار مت کرنا!
یہ دشت اور بھی کچھ بولتا ہے ہو کے سوا
زیاں رتوں سے اگر بچ رہا تو سوچوں گا !
کچھ اور کیوں نہ کیا تیری آرزو کے سوا
****
ایک منظر بے زیاں آنکھوں کے بس میں کیوں نہیں
لمحۂ آیندہ میری دسترس میں کیوں نہیں !!
میں خلا کی وسعتوں میں ایک بے مایہ پرند
میرا مسکن باغ سے بہتر قفس میں کیوں نہیں
ایک سفر پھیلا ہوا آنکھوں سے سانسوں کی طرف
سلسلہ جس کا مگر تارِ نفس میں کیوں نہیں
ہر طرف بے رنگ آوازوں کی فوجیں خیمہ زن
ایک بھی آہٹ ہماری دسترس میں کیوں نہیں
کیوں مرے پیروں کو رغبت آبلہ پائی سے ہے
لطف ہستی گلشن بے خارو خس میں کیوں نہیں
****
دل ایک ہی رات کا دیا ہے
بازی میں جسے لگا دیا ہے
ہر بار لکھا سفر کا قصّہ
ہر بار مگر مٹا دیا ہے
بجھنے جو لگا یقیں کا شعلہ
تب ہم نے گماں جلا دیا ہے
تھک ہار کے دشتِ مصلحت میں
اب خیمۂ جاں لگا دیا ہے
اس بار ہماری تشنگی نے
صحراؤں کا دل ہلا دیا ہے
****
چمک رہا ہے مرا سر بھی میں بھی دنیا بھی
اک آئینہ ہے سمندر بھی میں بھی دنیا بھی
کھلا کہ ایک ہی رشتے میں منسلک ہیں تمام
یہ میرا سر بھی یہ پتھر بھی میں بھی دنیا بھی
کسی گناہ کی پاداش میں ہیں سب زندہ
مرے شجر مرے منظر بھی میں بھی دنیا بھی
اتر رہے ہیں سبھی اک نشیب کی جانب
بلندیوں سے یہ پتھر بھی میں بھی دنیا بھی
خبر کسی کو کسی کی نہیں یہاں لیکن
ہوا کی زد پہ گل تر بھی میں بھی دنیا بھی
****
کیا زمانہ تھا کہ سب عرصۂ جاں میرا تھا
خیمۂ خواب سرِ جوئے رواں میرا تھا
منظرِ ہجر سے آگے بھی کئی منظر تھے
میں نہ سمجھا تو سراسر یہ زیاں میرا تھا
جس سے روشن ہوئی بستی وہ چمک کس کی
دور تک دشت میں پھیلا جو دھواں میرا تھا
ہر سیہ رات میں روشن تھا مری جاں کا چراغ
ہر چمکتے ہوئے ذرّے میں نشاں میرا تھا
برگِ آوارہ صفت دوش ہوا پر تھے یقیں
یار تھا کوئی تو دنیا میں گماں میرا تھا
****
گھر کی کسک وجود میں گھر کر گئی تمام
منسوخ میرے اگلے سفر کر گئی تمام
ارض وسماء فقط مری مٹھی میں آ گئے
افواہ دوستوں پہ اثر کر گئی تمام
اس رہگزر میں ایک کرن میرے ساتھ تھی
پھر یوں ہوا کہ وہ بھی سفر کر گئی تمام
ہم سب گناہ گار قبیلے کے لوگ ہیں
پامال ہم کو موجِ سحر کر گئی تمام
موجِ ہوا بھی تیغ ہلاکت سے کم نہ تھی!
اشجارِ خواب زیر و زبر کر گئی تمام
****
پیارے پیارے موسم آئے رنگوں کے فواروں جیسے
پتے تیری آنکھوں جیسے پھول تیرے رخساروں جیسے
پل دو پل میں پھٹ جائیں گے اور ٹکڑوں میں بٹ جائیں گے
تیرے میرے سپنے کیا ہیں بچوں کے غباروں جیسے
رات مجھے اک خواب آیا تھا میں دشمن فوجوں میں گھرا ہوں
آنکھ کھلی تو سوچا میں نے سب چہرے تھے یاروں جیسے
دنیا ایک سمندر جس میں ہم دونوں کا ربط ہے اتنا !
جسم ترا کشتی کی صورت ہاتھ مرے پتواروں جیسے
وہ ہے اچھی صورت والا پیاری موزوں قامت والا
باتیں اس کی بادل جیسی ، لفظ اس کے بوچھاروں جیسے
****
گھر سے نکلا تھا میں تو زیاں راہ پر اک سفر اپنی تقدیر کرتا ہوا
میری مٹی کا جادو مقابل مرے ، میرے قدموں کو زنجیر کرتا ہوا
دشتِ حالات میں وقت کے لشکری اپنی اپنی کمانیں سنبھالے ہوئے
میرے اسپِ صبا کی پذیرائیاں ظالموں کا ہر اک تیر کرتا ہوا
اے زمین سخن میں تیری خاک میں مل کے اک روز پھر خاک ہو جاؤں گا
اپنے دکھ کے مرقعے بناتا ہوا اپنی خوشیوں کو تصویر کرتا ہوا
ایک شب جاگتی آنکھوں گزرا تھا میں ایک شہرِ طلسمات کی راہ سے
منظروں کی کتابیں الٹتا ہوا کچھ ہواؤں پہ تحریر کرتا ہوا !
نرم ہونٹوں کا بوسہ عجب چیز تھا مجھ سے پتھر میں جادو جگا کر گیا !
میری سانسوں میں خوشبو سی بھرتا ہوا میرے جذبوں کی تطہیر کرتا ہوا
****
اک ادھورے خواب کی خاطر چھوڑ دیا گھر بار
یا تو ہم پاگل ہیں یارو یا پھر ہم ہشیار
جنگل جنگل گھوم رہا ہے موسم کا قزّاق
میری طرح حیران کھڑے ہیں سب کے سب اشجار
جیسے شاخ اور پھول کا رشتہ جیسے سخت چٹان
اتنا نازک اتنا مشکل جذبوں کا اظہار
سارے نشّے آتی جاتی لہروں کی مانند
لمس کی لذت آخر آخر جسموں میں بیدار
آنکھوں کی سرحد سے آگے ایک طلسمی شہر
لوگ جہاں سب پھولوں جیسے گھر سارے گلزار
****
مجھے بھی وحشتِ صحرا پکار میں بھی ہوں
ترے وصال کا امیدوار میں بھی ہوں
پرند کیوں مری شاخوں سے خوف کھاتے ہیں
کہ اک درخت ہوں اور سایہ دار میں بھی ہوں
مجھے بھی حکم ملے جان سے گزرنے کا
میں انتظار میں ہوں ، شہسوار میں بھی ہوں
بہت سے نیزے یہاں خود مری تلاش میں ہیں
یہ دشت جس میں برائے شکار میں بھی ہوں !
ہوا چلے تو لرزتی ہے میری لو کتنی!!
میں اک چراغ ہوں اور بے قرار میں بھی ہوں
****
ترا وصال ہے بہتر کہ تیرا کھو جانا
نہ جاگنا ہی میسّر مجھے نہ سوجانا
یہ سب فریب ہے میں کیا ہوں میری چاہت کیا
جو ہوسکے تو مری طرح تو بھی ہو جانا
ہنسی میں زخم چھپانے کا فن بھی زندہ ہے
اسی خیال سے سیکھا نہ میں نے رو جانا
اداس شہر میں زندہ دلی کی قیمت کیا
بجا ہے میری ہنسی کا غبار ہو جانا
حسین تجھ سے زیادہ بھی ہیں زمانے میں
برا ہے آنکھ کا پابندِ رنگ ہو جانا !
****
ایک تسلسل ایک تواتر ایک نفی اثبات کے بعد
صبح وہی سورج پھر ہو گا لمبی کالی رات کے بعد
باہر کا احوال نہ پوچھو جان کے ہم بھی پچھتائے
دنیا کے بارے میں سوچو لیکن اپنی ذات کے بعد
ہر رستے پر دیکھ رہا ہوں چلتے پھرتے پھول بہت
شاید کوئی قحط پڑے گا فصلوں کی بہتات کے بعد
سبزہ و گل سب جاگ پڑیں گے گہری نیندیں ٹوٹیں گی
سارے منظر زندہ ہوں گے ایک گھنی برسات کے بعد
ہم سے اپنی ذات کا خاکہ کب لفظوں میں قید ہوا
کہنا باقی رہ جاتا ہے کیا کیا کچھ ابیات کے بعد
****
کہتے ہیں لوگ شہر تو یہ بھی خدا کا ہے
منظر یہاں تمام مگر کربلا کا ہے
آتے ہیں برگ و بار درختوں کے جسم پر
تم بھی اٹھاؤ ہاتھ کہ موسم دعا کا ہے
غیروں کو کیا پڑی ہے کہ رسوا کریں مجھے
ان سازشوں میں ہاتھ کسی آشنا کا ہے
اب ہم وصالِ یار سے بیزار ہیں بہت
دل کا جھکاؤ ہجر کی جانب بلا کا ہے
یہ کیا کہا کہ اہلِ جنوں اب نہیں رہے
اسعدؔ جو تیرے شہر میں بندہ خدا کا ہے
****
ہر ایک الزام کے لیے نام صرف بے مہر آسماں کا
زمینِ سفّاک سے بھی جوڑو ، کبھی تو رشتہ کسی زیاں کا
نہ اب کے بادِ بہار نے وحشیوں میں کوئی جنوں جگایا
ملول کرتا ہوا نہ آیا، کہیں سے جھونکا کوئی خزاں کا
تمام سچی کہانیوں میں سیاہ کاذب حروف شامل
یقین کے سارے طاقچوں میں چراغ جلتا ہوا گماں کا
نظر میں خوابوں کا شہر جس سے بدن میں خوشبو کی لہر جس سے
وہ عکس اک چہرہ حسیں کا وہ لمس ایک دستِ مہرباں کا
میں آسمانوں کی وسعتوں سے زمیں پہ گرتا ہوا پرندہ
میں ایک ٹکڑا فضول سا ہوں کسی کہانی کے درمیاں کا
****
کوئی شخص کب سے بسا ہوا مرے شہرِ جاں میں عجیب ہے
جو خزاں کی راہ میں یار ہے جو گلاب رُت میں رقیب ہے
میں چراغ بن کے جلوں تو کیا سرِ شاخِ سبز کھلوں تو کیا
یہ ہوا جو میرے جلو میں ہے یہ زیاں جو میرا نصیب ہے
نہ کوئی کرن مری راہ میں نہ وہ چاند چہرہ نگاہ میں
مرا دشت کتنا طویل ہے مری رات کتنی مہیب ہے
وہ قریب تھا تو نظر میں تھا کئی آسمانوں کا فاصلہ
وہ جو مجھ سے دور چلا گیا تو کھلا کہ کتنا قریب ہے
مری شاعری مری داستاں ہے بنائے رنجشِ دوستاں
مرا فن نہیں مرا چارہ گر مرے واسطے یہ صلیب ہے
****
میں اپنے منظر سے کٹ گیا تو کہاں مری شاعری رہے گی
چراغ کی لو ہوا کے ہاتھوں سے عمر بھر کھیلتی رہے گی
مرے شجر کو بتا دیا ہے اداس موسم کے محرموں نے
دکھوں کے گل عارضی نہیں ہیں زیاں کی ڈالی ہری رہے گی
بھنور یونہی سطح جستجو کے طواف میں منہمک رہیں گے
رواں اسی طرح ساحلوں کے فراق میں یہ ندی رہے گی
یہی ازل اور ابد کا قصّہ یہی ہے اہلِ جنوں کا حصّہ!
رہے گا دریا کا شور دل میں زبان پر تشنگی رہے گی
ملن کے پل تو گریز پا ہیں وصال کی رت ہے آنی جانی
سو ہجر کو ہی عزیز رکھو یہ دوستی دائمی رہے گی
****
ایک منظر افق زاد لمحوں کا بے دست و پا میری آنکھوں میں ہے
جس پہ چلنے کی پیروں کو جرأت نہیں راستہ میری آنکھوں میں ہے
مجھ سے پوچھو گزشتہ زمانوں میں جو کچھ مسافر پہ گزرا ہے
ہر سفر کی صعوبت کا یک بیکراں سلسلہ میری آنکھوں میں ہے
میں نے بجھتی ہوئی شام کے ساتھ جلتے ہوئے دیپ دیکھے بہت
کس لئے عالمِ آب و گل کا عجب رابطہ میری آنکھوں میں ہے
واقعی گرم لمحوں سے ناآشنا تا دمِ مرگِ انبوہ میں
دوستو دیکھ لو آج تک ساعتِ یخ زدہ میری آنکھوں میں ہے
ایک خورشید وہ جو ترے آسمانوں میں اپنی چمک پر مگن
ایک سورج کہ ہر شام نوحہ کناں ڈوبتا میری آنکھوں میں ہے
کس لیے میرا رشتہ ہے قبروں سے قائم ابھی تک بصد حوصلہ
سوچتا ہوں کہ کیوں رفتگاں کا ہر اک نقشِ پا میری آنکھوں میں ہے
مبتلا ہوں مسلسل سفر کی گھنی کیفیت میں کراں تا کراں !!
دشتِ حیرت کہ اب تک جنوں رنگ و خواب آشنا میری آنکھوں میں ہے
تم کو توفیق ہو تو نگاہیں ملاؤ یقیناً نظر آئے گا کچھ نہ کچھ !
زنگ خوردہ سہی دشمنو، پھر بھی اک آئینہ میری آنکھوں میں ہے
****
راستہ کوئی سفر کوئی مسافت کوئی
پھر خرابی کی عطا ہو مجھے صورت کوئی
سارے دریا ہیں یہاں موج میں اپنی اپنی
میرے صحرا کو نہیں ان سے شکایت کوئی
جم گئی دھول ملاقات کے آئینوں پر
مجھ کو اس کی نہ اسے میری ضرورت کوئی
میں نے دنیا کو سدا دل کے برابر سمجھا
کام آئی نہ بزرگوں کی نصیحت کوئی
سرمئی شام کے ہمراہ پرندوں کی قطار
دیکھنے والوں کی آنکھوں کو بشارت کوئی
بجھتی آنکھوں کو کسی نور کے دریا کی تلاش
ٹوٹتی سانس کو زنجیر ، ضرورت کوئی
تو نے ہر نخل میں کچھ ذوقِ نمو رکھا ہے
اے خدا میرے پنپنے کی علامت کوئی
****
بند تھے میرے چشم و لب اور میں سوچتا رہا
شہر تھا غرق موجِ شب اور میں سوچتا رہا
صبح فراق یار سے شامِ وصالِ یار تک
بیچ کی منزلیں عجب اور میں سوچتا رہا
میرے سوا کسے ہوا اپنے زیاں کا حوصلہ
گنگ تھے حرف و صوت سب اور میں سوچتا رہا
موج سخن کہ مجھ تلک آ کے سدا پلٹ گئی
سیکڑوں شاعری کے ڈھب اور میں سوچتا رہا
کسی نے دیا ہے کیا مجھے جس کا حساب رکھ سکوں
لطف و عنایت و غضب اور میں سوچتا رہا
میرے سخن کا ولولہ میرے سفر کا سلسلہ
خام ہیں یہ خیال سب اور میں سوچتا رہا
رات عجیب حال میں غرق تھا اس سوال میں
کس کی رہی مجھے طلب اور میں سوچتا رہا
پھول کھلا تھا کس طرح ، زخم سلا تھا کس طرح
کون تھا چارہ سازِ شب اور میں سوچتا رہا
****
سہانی دھوپ نیلے آسماں سے کچھ نہیں ہونا
کہ اب پیدا ہمارے خاکداں سے کچھ نہیں ہونا
مرا صحرا وہ صحرا ہے سمندر جس کو ناکافی
کسی ندّی کسی جوئے رواں سے کچھ نہیں ہونا
دریچے بند ہیں مخلوق خوابِ جاوداں میں ہے
اب ان گلیوں میں آوازِ سگاں سے کچھ نہیں ہونا
ہمیشہ دھوپ کو ان راستوں میں ساتھ رہنا ہے
سفر ایسا ہے جس میں سائباں سے کچھ نہیں ہونا
جو ہونا ہے وہ اپنے پاؤں کی لغزش سے ہونا ہے
جھٹک دو ذہن احساسِ زیاں سے کچھ نہیں ہونا
چراغوں کی لوؤں میں ایک تصویروں کا جنگل ہے
بجھا دو ان کو، یادِ رفتگاں سے کچھ نہیں ہونا
عجب اک شور صحنِ جاں میں ہے پتوں کے گرنے کا
کہ اب افسوس باہر کی خزاں سے کچھ نہیں ہونا
****
ہوا چراغ کی لو کو ڈراتی رہتی ہے
خزاں کے زخم ہر اک شاخ کھاتی رہتی ہے
خموشیوں میں بھی گویائی کے خزانے ہیں
ہر اک سکوت سے آواز آتی رہتی ہے
ورق کی طرح الٹتے ہیں پے بہ پے منظر
زمین کوئی کہانی سناتی رہتی ہے
فقط سحر ہی رجز خوانیاں نہیں کرتی
سیاہ رات بھی کچھ گنگناتی رہتی ہے
جو بے سپر ہیں وہ اشجار گرتے رہتے ہیں
ندی نحیف کناروں کو کھاتی رہتی ہے
بجھی ہے آنکھ تو منظر بھی بجھ گئے ہونگے
دلوں کے ساتھ ہی دنیا بھی جاتی رہتی ہے
تلاش میں کوئی شہزادہ اب نہیں جاتا!!
کہانیوں کی پری تو بلاتی رہتی ہے
جو العطش کی صداؤں پہ کان دھرتا ہے
سناں، اسی کے لہو میں نہاتی رہتی ہے
کبھی سکون نہیں قریۂ تمنّا میں
بلا کوئی نہ کوئی سر اٹھاتی رہتی ہے
****
اب احساسِ زیاں ہونے لگا ہے
دلِ زندہ دھواں ہونے لگا ہے
پہاڑوں پر نکل آیا ہے سورج
کوئی چشمہ رواں ہونے لگا ہے
کسی جانب مسلسل دیکھنے سے
اداسی کا گماں ہونے لگا ہے
عدو خیموں میں خوابیدہ پڑے ہیں
محاذوں پر دھواں ہونے لگا ہے
در و دیوار بدلے جا رہے ہیں
پرانا گھر جواں ہونے لگا ہے
مری تنہائی کے سادہ افق پر
ستارہ ضو فشاں ہونے لگا ہے
دسمبر آگیا اب اور نیلا
ہمارا آسماں ہونے لگا ہے
****
کہانیوں کے پھول شاخ شاخ پر کھلے رہیں
شجر شجر عظیم داستاں کے سلسلے رہیں
کوئی خبر کہ راستہ بہار کا بدل گیا
کوئی دعا کہ وحشیوں کے چاک سب سلے رہیں
کوئی تو اس سفر میں میری حیرتوں کا ساتھ دے
یہ کیا کہ عمر بھر مجھے ہر ایک سے گلے رہیں
کوئی چراغ جس سے ظلمتوں کی جاں فگار ہو
کوئی سبیل جس سے راستوں کے دل ہلے رہیں
زمین پہ پھول صورتوں کو اے خدا دوام دے
دھنک کے رنگ آسماں پہ بس یونہی کھلے رہیں
کبھی کبھی رگِ گلو میں خنجروں کی کاٹ ہو
کبھی کبھی وصال رت میں ہجر کے گلے رہیں
یہ کاروبارِ دہر کتنا پر سکوں دکھائی دے
زمین پہ چار سو اگر جنوں کے سلسلے رہیں
****
شام سے خوں مری آنکھوں میں اتر آئے گا
آئے گا وہ تو بہ ہنگام سحر آئے گا
راستے گرد سے اٹ جائیں گے رفتہ رفتہ
رفتہ رفتہ جو مسافر ہے وہ گھر آئے گا
اس مسافت میں ضرور آئے گی اک درد کی راہ
درد کی راہ میں درماں کا شجر آئے گا
وہ تو جھونکا ہے اسے راہ سے نسبت کوئی
کوئی دیوار نہ روکے گی جدھر آئے گا
ان دنوں جاں سے گزر جانے کی فرصت کس کو
کس کو درپیش محبت کا سفر آئے گا
شاہراہوں پہ ہجومِ قد و قامت ہے کیا
کیا کوئی چاند سا چہرہ بھی نظر آئے گا
اس کے ہونٹوں سے برسنے لگے فریاد کے پھول
پھول کہتے ہیں وہ شیشے میں اتر آئے گا
****
گھر دیکھتے نہ گھر کے در و بام دیکھتے
بس تیرا خواب ہی سحر و شام دیکھتے
لوحِ خیال پر تری تصویر کھینچتے
دل کے ورق پہ لکھ کے ترا نام دیکھتے
یہ شاخچے یہ پھول یہ لکھتے ہوئے چمن
حیرت سے تتلیوں کو تہہ دام دیکھتے
سورج کے ڈوبنے کا عجب دیدنی تھا رنگ
دریا کی تمکنت کو سرشام دیکھتے !
جھوٹی خبر محاذ سے لاتے کوئی تو ہم
مچتا ہے کیسے شہر میں کہرام دیکھتے
وہ ابتدائے کارِ جنوں ہی میں مر گئے
جن کو یہ فکر تھی مرا انجام دیکھتے
بہتر تھا چند لوگ نہ کرتے جو شاعری
اچھا بھلا سا اور کوئی کام دیکھتے
****
یہی نہیں کہ مرا گھر بدلتا جاتا ہے
مزاجِ شہر بھی یکسر بدلتا جاتا ہے
رتیں قدیم تواتر سے آتی جاتی ہیں
درخت پتوں کے زیور سے بدلتا جاتا ہے
افق پہ کیوں نہیں رکتی کوئی کرن پل بھر
یہ کون تیزی سے منظر بدلتا جاتا ہے
غبارِ وقت میں سب رنگ گھلتے جاتے ہیں
زمانہ کتنے ہی تیور بدلتا جاتا ہے
چھڑی ہوئی ہے ازل سے دل و نگاہ میں جنگ
محاذ ایک ہے لشکر بدلتا جاتا ہے
یہ کس کا ہاتھ ہے جو بے چراغ راتوں میں
فصیلِ شہر کے پتھر بدلتا جاتا ہے
پرند پیڑ سے پرواز کرتے جاتے ہیں
کہ بستیوں کا مقدّر بدلتا جاتا ہے
****
¬¬¬¬
بدی کے نور سے روشن سماعتیں ساری
خمیدہ سر ہیں ازل سے صداقتیں ساری
سپاہِ مکر و ریا ساحلوں پہ خیمہ زن!!
غریقِ دجلۂ خوں ہیں شجاعتیں ساری
دھواں دھواں ہیں صحیفوں کے ماننے والے
گماں گزیدہ ہوئی ہیں عبارتیں ساری
بیاں ہوں شعر میں اب واقعات جاں کیسے
مثالِ حرفِ غلط ہیں علامتیں ساری
سفر تمام ٹھہرنے کا اک وسیلہ ہیں !
بجز گماں نہیں ، کچھ مسافتیں ساری
نہ اب وہ نجد نہ مجنوں نہ کوئی لیلیٰ ہے
تہہ غبارِ زمانہ میں وحشتیں ساری
یہ سحر کیا ہے کہ بدمست بادلوں کے بغیر
ٹپک رہی ہیں گھنی دھوپ میں چھتیں ساری
دیارِ درد میں دریا دلی کی ضرورت ہے
وگرنہ ہم نہ اٹھاتے یہ زحمتیں ساری
****
ذرا سے دل میں بسائی ہے میں نے حیرت کیا
مگر یہ سوچتا ہوں ، بن سکے گی جنّت کیا
وصال و ہجر سے آگے بھی منزلیں ہیں بہت
مرے سفر کو کسی انتہا سے نسبت کیا
مرے یہ خواب سلامت رہیں تو اچھا ہے
حقیقتوں سے ملاقات کی ضرورت کیا
رگوں میں دوڑ رہی ہے ترے وصال کی آگ
مگر یہ آگ جو ٹھنڈی ہوئی تو لذّت کیا
مرے رفیق مجھے تجربوں کی ہمّت دے
جو منفرد نہ ہو سب سے تو میری چاہت کیا
مرے وجود کی تکمیل ہو گئی تجھ سے
بتا کہ میں بھی کبھی تھا تری ضرورت کیا
یہ طاقِ ہجر ، یہ بجھتا ہوا چراغِ وصال
اگر فریبِ نظر ہیں تو ہے حقیقت کیا
**٭٭٭**
نظمیں
پرندے ،پھول ،تتلیاں
چہار سو محاذ سرد جنگ کے کھلے ہوئے
منافقت کی تیز روندی میں سب صداقتیں
مثالِ خارو خس رواں
سکون، عافیت ، مسرتیں ، بس اک گماں
چہار سوزوالِ حرف و صوت کا سماں
مقدروں کو رو رہی ہیں بستیاں
سبھی کے روز و شب گزر رہے ہیں ایسے منظروں کے درمیاں
مگر کبھی کبھی میں دیکھتا ہوں
چہچہاتے خوش نوا پرندے ، پھول تتلیاں
اور ہنستے مسکراتے بچے ، جن کی آنکھو ں میں ہیں خواب کے جہاں
میں جانتا ہوں ان کے خواب
اک دن مری طرح سے ہوں گے رائیگاں
مگر میں چاہتا ہوں کچھ دنوں یہ خواب دیکھتے رہیں
پھر اس کے بعد عمر بھر کا عذاب دیکھتے رہیں
****
زیاں رتوں کی ایک نظم
میں شاعری میں اعترافِ ذات چاہتا تو تھا ، مگر
مرے چہار سو جو لوگ ہیں
سماعتوں کو ان کی حرفِ نرم سے لگا و ہے
اور میری داستاں کے سارے لفظ تلخ ہیں
زیاں رتو ں میں دکھ دیار سے جو میں نے جمع کیں
خواہشو ں کی مردہ تتلیوں کے پر ہی میرے پاس ہیں
مجھے بھی زعم تھا کبھی
کہ میں جہاں کو اپنے زاویے سے دیکھنے کا اہل ہوں
اور میرے سوچنے کا اپنا ایک ڈھنگ ہے
مگر کھلا کہ یہ جہان اہلِ دل پہ تنگ ہے
بس اک فریب ہے ، جو روشنی جور نگ ہے
مرا زمانہ سرکشی کا عہد ہی نہیں
مزاج میرے نیک دوستوں کا سرد جنگ ہے
اور مجھ سا بے قرار آدمی
ہوا کے رخ پہ اک کٹی پتنگ ہے
سو، اب میں اہلِ شہر کی پسند کے حروف جمع کر رہا ہوں
شاعری کے واسطے
کیونکہ صرف داد ہی نہیں
میں روٹیاں بھی چاہتا ہوں زندگی کے واسطے
****
اجنبی منظروں کے درمیاں
سارباں
اب کے تو نے یہ کس دشت میں
ناقۂ ناتواں لا کے ٹھہرا دیا
چہار جانب جہاں ایک اسرار ہے
یہ کیسی خموشی ہے۔جس میں
کوئی بولتا لگ رہا ہے
یہ کیسی ہوائیں ہیں
ان میں عجب باس ہے
یہ کیسے مناظر ہیں
جن کو مری آنکھ سے واسطہ کوئی
پہلے نہ تھا
یہ ندّی: کہ جیسے کوئی اژدھا سا پڑا ہوا
یہ اشجار: گویا کہ بدمست ہاتھی کھڑے ہیں
مکڑیوں ، بچھوؤں کی طرح لگتے ہیں
فرش پر جتنے پتّے پڑے ہیں
یہاں میرا خیمہ نہ استادہ کر
پشتِ ناقہ سے اسباب مت کھولنا
یہ زمیں مقتل دوستاں لگ رہی ہے
یہ ہریالی مجھ کو خزاں لگ رہی ہے
سجدۂخاک کا موسم
شاخ کو چھوڑ چلا برگِ خزاں آمادہ
جانے کس خاک کو جاتا ہے ، ہوا کے رتھ پر
سب کو مٹی کے بلاوے پہ چلے جانا ہے
جتنی مخلوق ہے اس عالمِ آب و گل میں
خاکدانوں کی ضیافت کے لیے زندہ ہے
کون سی روشنی تابندہ ہے
سب چراغوں کی لگامیں ہیں
ہوا کے ہاتھوں
خاک ہی سب سے بڑا منبع ہے
خاک ہی خاک ہے ہر جسم کے شریانوں میں
خاک ہی ذہن میں ہے خاک ہی ہے کانوں میں
دل، ذہن ، آنکھ سبھی خاک کے ہیں
سجدۂ خاک کا موسم آیا
یعنی ادراک کا موسم آیا
****
ایک نظم
بڑا عجیب وقت ہے
کہ ہجر بھی نہیں ، وصال بھی نہیں
سگانِ قریہ روتے روتے چپ گیے
مگر
طویل رات کو زوال بھی نہیں
پرند، گھونسلوں میں گریہ کر رہے ہیں
اور
ہوا میں اعتدال بھی نہیں
کشتیوں سے بادبان کب کے ہو چکے جدا
سمندروں میں اشتعال بھی نہیں
پانیوں میں زندگی اتار دیں؟
نہیں ۔۔۔ نہیں !!
ابھی زمین اتنی پائمال بھی نہیں
****
دعا
بے حسی اوڑھے ہوئے شہر کے لوگو ں پہ ہو
خورشیدِ بر فلک تاب کا قہر
تاکہ یہ برف
جو ذہنوں پہ دریچوں پہ مکانوں پہ جمی ہے
پگھلے
بادِ صرصر کا کرم ہو تھوڑا
تاکہ یہ صاف بدن صاف لباس
مرتبہ خاک کا پہچان سکیں
اور ہوا برسیہ کی یورش
جس سے اس بستی کے خوش رنگ مکاں
کچّے رنگوں کے لبادے سے نکل کر ، اپنی
اصل صورت میں ہویدا ہو جائیں۔
****
گلہ
طائروں کے ذرا سے پروں میں
اڑانوں کے کیا حوصلے بھر دیے ہیں
سمندر کو موجیں ، ندی کو بہاؤ
ہواؤں کو تیور دیے ہیں
درختوں کو پتوں کے زیور دیے ہیں
غرض سب کو خالق نے
اپنی عطا سے نوازا ہے
لیکن
ہمیں دیکھنے والی آنکھیں
تڑپتے ہوئے دل کی دولت
سوچ کے بوجھ سے ٹوٹتے سردیے ہیں ۔
****
حیرتوں کے سلسلے
ایک ناؤ ایک بھنور کی طرف ہے رواں دواں
تیزی سے بنتے ٹوٹتے جاتے ہیں دائرے
اک زہر سارگوں میں اترتا ہے رائیگاں
آنکھوں کی پتلیوں میں ہیں عالم بسے ہوئے
کانوں میں گونجتی ہیں ہواؤں کی سیٹیاں
یہ اقتباس جیسے داستاں کے ہیں
منظر وہی تمام پرانے جہاں کے ہیں
****
بدن دریدہ خواہشیں
رگوں کی آگ
آبشار کی تلاش میں
یہاں وہاں ، رواں دواں
بدن دریدہ خواہشوں کا ایک سیل
جو فصیلِ جسم و جاں تک آگیا ہے
اس پہ بند باندھنا محال ہے
کسی نشیب کی خبر ملے تو اس کا رخ
ادھر کو موڑنے کی کوشش کروں
وگر نہ
یہ بلندیوں کو چاٹ جائے گا
مجھے زوال کی تہیں دکھائے گا
****
روداد
اور پھر یوں ہوا
ایک شجر نے بلندی کے سب راز
اپنی جڑوں میں اتارے
چار سو بے نیازی سے دیکھا
تیز آندھی کے منہ پر
سپر پھینک دی
اور پھر
اپنی مٹی کو سجدہ کیا
تیز آندھی
سپر کی کڑی چوٹ سے
تلملائی ۔مگر
اس نے اپنی کلہ
اس بہادر زمین زاد لمبے شجر کے لیے
سر سے ہاتھوں میں لی
اس کے لاشے کو تعظیم دی۔
****
ایک اداس دعا
میں نے ایک من موہنی صورت
دل میں بسائی
صورت، جس پر گہری اداسی کے سائے ہیں
وہ سائے کتنے اچھے ہیں ، وہ سائے کتنے پیارے ہیں
یعنی اس کی ساری دلکشی، سار ا جادو
صرف اس سایوں سے روشن ہے
سوچتا ہوں میں
کیا یہ اداسی ، جو مجھ کو اچھی لگتی ہے
اس لڑکی کی مجبوری ہے
یا اس کے چہرے کی بناوٹ کا حصّہ ہے
یا پھر ایک الگ قصّہ ہے
جو کچھ بھی ہو
میری تو بس ایک دعا ہے
یہ سائے اس کے چہرے پر
اور بھی گہرے ہوتے جائیں
میری شاموں سے بھی گہر ے
میری سانسوں سے بھی گہر ے
جو مجھ کو اچھے لگتے ہیں ۔
***
جب لمس کے سورج بجھ جائیں
جب راتیں بوجھل ہو جائیں
جب لوگ گھروں میں سوجائیں
جب برف رگوں میں جم جائے
جب قہر بدن پر ٹوٹ پڑے
جب لمس کے سورج بجھ جائیں
جب ساعتِ آخر آ پہنچے !!
تو کس کو پکاریں کس سے کہیں
کیا لذّت تھی ان راتوں میں
کیا نشّہ گھر کی باتوں میں
کیا رگ رگ میں لہراتا تھا
کیا تتلی جیسے منظر تھے
سانسوں میں سات سمندر تھے
اب حد نظر تک صحرا ہے
اک قافلہ جس میں ٹھہرا ہے
****
مشورہ
جن دنوں بادِ صرصر کے جھونکوں سے
تتلی کے پر ٹوٹ جائیں
فقط اپنے بازو کی جانب نگاہیں رکھو
جن دنوں آسمانوں پہ سورج کا گولا غضب ناک ہو
صر ف اپنے ہی سر کے لیے
سائے کی التجائیں کرو
جن دنوں راتیں سفاک ہوں
شام سے گھر پہنچنے کی جلدی کرو
اور جب سارے موسم سبھی سلسلے
حسبِ معمول ہوں
سب جہانوں کے غم اپنے چہرے پہ لکھ کر
زمانے کا ماتم کرو
****
اعتراف
صرف ہوا کے ہاتھ مرے دروازے پر دستک دیتے ہیں
صرف ہوا کے ہاتھ مرے کمرے کا پردہ چھوتے ہیں
مرے کانوں میں سرگوشی
صرف ہوا کرتی ہے
مرے بالوں کو سہلاتی ، مجھے سلاتی ہے
مری آنکھیں ، نیند کے بوجھ سے بھرتی جاتی ہے
مجھے رقص جنوں سکھلاتی میری وحشت اور بڑھاتی ہے
مجھ پر اس نے شفقت کے سارے دروازے کھول دیے ہیں
میں نے ہوا کے ہاتھ پہ بیعت کر لی ہے ۔
****
ہوا کی مسافت
ہوا چل رہی ہے
دریچوں کے پردے ہلاتی ہوئی
گیت گاتی ہوئی گنگناتی ہوئی
خوشبوئے یار ہمراہ لاتی ہوئی
ہوا چل رہی ہے
بیاباں میں سوئے بگولے جگاتی ہوئی
سبز و شاداب جنگل کے کہنہ درختوں کو
تاراج کرتی ہوئی ،خاک اڑاتی ہوئی
طاقچوں میں رکھے ننھے ننھے چراغوں کو
آنکھیں دکھاتی ہوئی
روشنی کو ڈراتی ہوئی
زمانے کے سود و زیاں سے اسے کوئی مطلب نہیں
ہوا چل رہی ہے فقط اپنے انداز سے
ہوا کی مسافت عجب ہے
کہ جس کا سرا ہاتھ آتا نہیں
کہاں جا کے دم لے گی
کوئی بتا تا نہیں ۔
**﴿٭٭٭٭٭﴾**
اجازت شدہ، ان پیج کمپوزنگ: شارپ کمپیوٹرس
ان پیج سے تبدیلی، پروف ریڈنگ، ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
خیمۂ خواب
اسعدؔ بدایونی
غزلیں
جسے نہ میری اداسی کا کچھ خیال آیا
میں اس کے جملہ محاسن پہ خاک ڈال آیا
یہ عشق خوب رہا باوجود ملنے کے
نہ درمیان کبھی لمحۂ وصال آیا
اشارہ کرنے لگے ہیں بھنور کے ہاتھ ہمیں
خوشا کہ پھر دلِ دریا میں اشتعال آیا
مروتوں کے ثمر داغدار ہونے لگے
محبتوں کے شجر تجھ پہ کیا زوال آیا
حسین شکل کو دیکھا خدا کو یاد کیا
کسی گناہ کا دل میں کہاں خیال آیا
خدا بچائے تصوف گزیدہ لوگوں سے
کوئی جو شعر بھلا سن لیا تو حال آیا
٭٭٭
مہر و مہتاب صفت ناقہ سوار اچّھے تھے
قافلے ان کے بصد گرد و غبار اچھے تھے
ہاں کبھی خواب میں دیکھا تھا مری آنکھوں نے
اک گھر جس کے سبھی نقش و نگار اچھے تھے
شام ہوتی تھی تو اک حشر بپا ہوتا تھا
اِن جزیروں سے وہ پرشور دیار اچھے تھے
جب قریب آئے تو الجھن کا سبب بھی نکلے
جتنے چہرے تھے پسِ گرد و غبار اچھے تھے
اب تو جیسے کسی آشوب کا بستی ہے شکار
لوگ پہلے کے سبھی کوہ وقار اچھے تھے
بس تری شکل سے خالی تھے دریچے سارے
ویسے پردیس کے منظر مرے یار اچھے تھےا
***
ہر حقیقت پہ سرابوں کا گماں ہونے کو ہے
رفتہ رفتہ روشنی ساری دھواں ہونے کو ہے
میں بھی لوحِ وقت سے اک روز مٹ جانے کو ہوں
تیری مٹی بھی کسی دن رائیگاں ہونے کو ہے
پیش خیمہ ہے یہ سنّاٹا کسی طوفان کا !
پھر اسی جانب سمندر مہرباں ہونے کو ہے
ساحلوں سے پھر جدا ہونے کی ساعت آگئی
بادباں کھلنے کو ہیں کشتی رواں ہونے کو ہے
شام کے طائر قطار اندر قطار آنے لگے
تیرگی میں پھر ہر اک منظر نہاں ہونے کو ہے
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)