تاریخ، سوانح و تحقیق

دستخط اور چہرے

مصنف: جلد دوم
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (21,545 الفاظ)

دستخط اور چہرے

حصہ اول

مختلف ادباء کے مضامین مشرف عالم ذوقی کے فکشن کے فن پر

پروفیسر ایس کی عجیب داستان وایا سونامی ایک جائزہ

مشتاق احمد نوری

مشرف عالم ذوقی ایک ایسے فنکار کا نام ہے جسے میں لاوڈ تھنکر (Loud Thinker) کہتا ہوں کیونکہ اس کے ذہن میں جب بھی کوئی اتھل پتھل ہوتی ہے وہ پوری کی پوری کاغذ کے صفحے میں منتقل ہو جاتی ہے۔ ذوقی ایک ایسا فنکار ہے جو صرف لکھتا ہی نہیں بلکہ وہ اپنے آپ کو منوانا بھی چاہتا ہے اس معاملے میں بھی اس کا Approachبے حد Aggressive ہوتا ہے اور اسی کی کوشش ہوتی ہے کہ اسے ہر حال میں تسلیم کیا جائے۔ اگر آپ اسے تسلیم نہیں کرتے تو اس کی ناراضگی جھیلنے کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے۔
’’پروفیسر ایس کی عجیب داستان وایا سونامی‘‘ ذوقی کا تازہ ترین ناول ہے۔ نام سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ اس میں سونامی سے متعلق گفتگو ہو گی لیکن صرف ایسا نہی ہے بلکہ اس ناول کی شروعات کلکتہ کی زمین سے ہوتی ہے جہاں بہار سے احمد علی نام کا ایک نوجوان روزی کی تلاش میں کلکتہ جاتا ہے اور وہاں کامریڈ احمد علی بن جاتا ہے۔ سدیپ سانیال کی سرپرستی میں انڈرگراؤنڈ کامریڈ لوگ ریڈ انڈین جوٹ مل سے متعلق مساء کے حل کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ نکس تحریک سے وابستہ یہ لوگ اس کے پرسنل منیجر کشواہا کا خون کرنے کی ذمہ داری کامریڈ احمد علی کو سونپتے ہیں۔ کامریڈ احمد علی جو دیپ سانیال کی بیٹی ا دیتی سانیال کے عشق میں گردن تک ڈوبا ہوا ہے وہ کشواہا کا قتل کرنے کے بجائے اس کے گھر جا کر اس کی لڑکی کو الرٹ کر دیتا ہے۔ حالانکہ نکسل تحریل میں غداری کی سزا موت ہوتی ہے لیکن سدیپ سانیال کی وجہ سے اس کی جان بچ جاتی ہے۔ بعد میں سانیال کے چھوٹے بھائی چاروسانیال کی وجہ سے اس کی شادی ا دیتی سانیال سے ہو جاتی ہے۔ احمد علی اپنی زندگی کا بقیہ حصہ نکسل تحریک کے سائے سے دور بتانے کے لئے دہلی آ جاتا ہے۔ کتاب کے 146صفحات میں کلکتہ کی زندگی نکسل تحریک، احمد علی اور ا دیتی کی محبت وغیرہ کا ذکر ملتا ہے۔
اس کے بعد ’’شاہ پور کی چھولاداری اور خانقاہ والے حصے میں پروفیسر کی آمد ہوتی ہے۔ جو وہاں کے فادر امبورسیو کی پرانی خانقاہ کو اپنی رہائش کے لئے خرید لیتا ہے۔ اسی خانقاہ کے سامنے احمد علی نے اپنا مکان بنوایا ہے ار پرویز سانیال کے روپ میں ان دونوں کی محبت سامنے آتی ہے۔ پروفیسر ایسج کا پورا نام صدر الدین پرویز قریشی ہے وہ عجیب پُر اسرار شخصیت کا مالک ہے۔ انتہائی خوبصورت سفید چہرہ، ہلکی گھنی داڑھی، آنکھوں پر چڑھا ہوا سیاہ چشمہ کالے رنگ کا سوٹ، سفید شرٹ، خوبصورت نیک ٹائی، کالے رنگ کا جوتا، قد چھ فٹ سے کچھ ہی کم پوری شخصیت میں ایک ایسا جادو تھا جو بھی اُسے دیکھتا اس کا مرید ہو جاتا۔ پورے ناول میں پروفیسر کی پُراسرار شخصیت چھائی ہوئی ہے ار اس کے کردار کے کئی پہلو سامنے آتے ہیں۔ پروفیسر ایس ایک ادیب بھی ہے۔ بڑی ملائمیت سے گفتگو کرتا ہے لیکن اپنی فطرت کے اعتبار سے وہ بے حد سفاک ہے۔ وہ اپنے بہنوئی کا قتل صرف اس لئے کر دیتا ہے کہ وہ اس کے کئی راز سے واقف ہو گیا تھا۔ پروفیسر ایس نرگسیت کا بھی شکار ہے۔ اس کی خود پسندی کی انتہا یہ ہے کہ اس نے اپنے کمرے میں اپنی بڑی بڑی تصویریں بنوا کر دیوار پر لٹکائی ہوئی ہیں۔ وہ اپنی پہلی بیوی حمیدہ کو چھوڑ کر مسجد کے امام کی ایک کم سن لڑکی سیما کو اپنی بیوی بنالیتا ہے۔ گرچہ وہ اس سے بہت دھیمے لہجے میں گفتگو کرتا ہے لیکن اس سے بے انتہا سفاکی سے پیش آتا ہے۔ اس کی عیاشی کی انتہا یہ ہے کہ عورتیں ایک مخصوص عمر کے بعد اسے اچھی نہیں لگتیں۔ پروفیسر ایس نے ادب کے بہت بڑے مافیا لوپی چند سیب کو اپنی مٹھی میں کیا ہوا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پروفیسر ایس کے پاس لوپی چند کی ایک ایسی تصویر ہے جس کے منظر عام پر آ جانے سے اس کی عزت کا فالودہ بن سکتا ہے۔ اسی ڈر سے وہ اسے اکادمی کے بڑے انعام سے نوازتا ہے۔ پروفیسر ایس خانقاہی اور احمد بشیر کی مدد سے ایک ادبی رسالے کا اجرأ بھی کرتا ہے۔ خانقاہی اگرچہ بے حد ذہین اور مذہبی بیک گراؤنڈ کا لڑکا ہے لیکن پروفیسر کی صحبت اسے شراب کا رسیا بنا دیتی ہے۔
شاہ پورچھولہ داری میں رہنے والا ڈاکٹر اجے پروفیسر ایس کے بارے میں طرح طرح کی خبریں اڑاتا ہے۔ اس علاقے کے لئے اسے منحوس قرار دیتا ہے لیکن احمد علی اپنے بیٹے پرویز سانیال کی پرورش پروفیسر ایس کی نگرانی میں کروانا چاہتا ہے اور ایک دن وہ پروفیسر سے اس سلسلے میں بات بھی کرتا ہے۔ پروفیسر ایس پرویم سانیال کو اپنی تربیت میں رکھنے کے لئے کچھ شرائط پیش کرتا ہے جو اس پر کار ہی:-
’’پرویز کو میں کسی ملکیت کی طرح اپنی تحویل میں لوں گا اور آپ اس سے کوئی رابطہ نہیں رکھیں گے اور کچھ پوچھیں گے نہیں …
پرویز آپ سے زیادہ میری پراپرٹی ہو گا، میری ملکیت……
آپ کبھی بھی ہمارے یا پرویز کے درمیان نہیں آئیں گے۔‘‘
احمد علی اپنے بچے کو پروفیسر ایس جیسا بنانا چاہتا ہے اس لئے وہ ان شرائط کو مان لیتا ہے لیکن پرویز کی ماں آدیتی سانال ان شرطوں کو سن کر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتی ہے۔ پروفیسر ایس اپنے انداز میں پرویز کی تربیت کرتا ہے اس دوران پرویز سانیال پروفیسر کی کم سن بیوی سیما پر ہو رہے ظلم سے بھی واقف ہو جاتا ہے۔ پروفیسر اتنا سخت گیر ہے کہ وہ سیما کو کسی کے سامنے آنے نہیں دیتا۔ ایک بار خانقاہی پیاس کی شدت میں بھابھی کہتے ہوئے اندر گیا تھا اور سیما نے اسے پانی کا گلا بڑھایا تھا اس چھوٹی سی ’’غلطی‘ ’کے لئے پروفیسر نے سیما کے بدن کو سلاخوں سے داغ دیا تھا۔ وہ سیما کو اپنی حویلی میں بے لباس دیکھنا چاہتا تھا اور اسی بے لباسی میں وہ اس کے لئے چائے یا کافی بھی بناتی تھی۔ اسی درمیان پروفیسر کی ملاقات ایک خوش شکل نوجوان فوقی سے ہوتی ہے جو کسی زمانے میں کہانیاں لکھتا تھا مگر اب وقت کے ساتھ چھوٹے پردے کی دنیا کو اس نے اپنی دنیا بنا لی تھی۔ فوقی کی مدد سے وہ سی ٹی وی کے لئے اپنی پروجیکٹ جمع کرتا ہے لیکن وہاں کا انچارج بالم سرشاری پروفیسر کو اسمگلر کہہ کر اس کے پروجیکٹ کو لینے سے انکار کرتا ہے لیکن فوقی کی پیروی سے اسے وہ رکھ لیتا ہے بعد میں پروفیسر جموں کی ایک شاعرہ کنول ڈیسائی کو وہ بالم سرشاری کے پاس بھیجتا ہے اور نگار زیدی کو نوٹوں سے بھرا بیگ دے کر اس بات کے لئے راضی کر لیتا ہے کہ وہ سی ٹی وی کا سارا پروگرام صرف اسے ہی وے اس طرح وہ بری خوبصورتی سے اپنے محسن فوقی کا پروجیکٹ سی ٹی وی سے ردّ کروا دیتا ہے۔
پرویز سانیال بچپن سے ہی شیلی کے ساتھ کھیلتا کودتا ہوا بڑا ہوتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کو پسند بھی کرتے ہیں۔ آدیتی سانیال بھی اس جوڑی کو پسند کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن وقت کو کچھ اور منظور ہوتا ہے۔ پرویز سانیال پروفیسر کی صحبت میں اس طرح گرفتار ہوتا ہے کہ وہ شیلی کی محبت کو ٹھکرا دیتا ہے اور شیلی کی شادی کسی اور سے ہو جاتی ہے۔ اس دوران آدیتی سانیال کی موت بھی ہو جاتی ہے۔ ماں کی رحلت پر وہ بکھر جاتا ہے لیکن اس کا باپ اسے گلے لگاتے ہوئے دھیرے سے کہتا ہے :
’’رو مت بیٹے ماں کو ہمیشہ اپنے اندر زندہ کر لو اور اندر کے آسیب کو باہر کر دو۔‘‘
ناول کے تیسرے حصے میں اکیسویں دی کے سب سے ہولناک حادثے سونامی کا ذکر ہے اور اس پورے باب میں سونامی کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ پروفیسر، پرویز سانیال کے ساتھ ہر اُس جگہ جاتا ہے جہاں جہاں سونامی نے قہر برپا کی ہے۔ اس سلسلے میں تفصیلات اتنی زیادہ ہیں کہ کبھی کبھی اس پر رپورٹنگ کا گمان گزرتا ہے۔
پروفیسر کو ایک عجیب سی بیماری بھی ہے وہ بند کمرے میں زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتا۔ اس کا دم گھٹنے لگتا ہے ، سائنس اکھڑنے لگتی ہے۔ اس پر غشی طاری ہو جاتی ہے اور اسے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گھٹن سے اس کا دم نکل جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ نہ تو وہ طیارہ میں سفر کر سکتا ہے نہ ہی ٹرین کے اے سی بوگی میں۔ انتہا یہ ہے کہ وہ اُس بات روم میں جس میں کھڑکیاں نہ ہوں اس میں بھی گھٹن محسوس کرنے لگتا ہے۔ سونامی سے متاثرہ علاقے کے دورے کے دوران پروفیسر کے اندر کی سفاکی پرویز سانیال پر ظاہر ہو جاتی ہے اور وہ اس سے دور ہونے لگتا ہے۔ دہلی واپس ہونے تک اس میں ایک نمایاں تبدیلی ہو چکی ہوتی ہے اور جب وہ گھر واپس آتا ہے تو شفیق والد احمد علی پر بھی پروفیسر کی حقیقت واضح ہو چکی ہوتی ہے اور وہ اس سے نفرت کرنے لگتا ہے۔ اسی دوران مختصر علالت کے بعد احمد علی کا انتقال ہو جاتا ہے اور پرویز سانیال اس دنیا میں اپنے آپ کو اکیلا محسوس کرنے لگتا ہے۔ موت کی خبر سن کر شیلی بھی آتی ہے اور بے اختیار پرویز سے لپٹ جاتی ہے۔ جذبات کے سارے بندھ ایک ساتھ ٹوٹ جاتے ہیں لیکن پرویز باپ کے غم میں اس طرح بے حال ہے کہ وہ شیلی کے اکسانے کے باوجود اپنے آپ پر قابو پانے میں کامیاب ہوتا ہے۔ اس دوران پروفیسر لوپی چند سیب کے بلاوے پر دو دن کے لئے دہلی کا رخ کرتا ہے جہاں اس کے اعزاز میں ایک میٹنگ ہونے والی ہے جہاں پروفیسر اپنے دورے کی داستان سنا کر لوگوں کی واہ واہی لوٹنے کا متمنی رہتا ہے۔ وہ دو دن دہلی میں رہتا ہے اور یہی دو دن اس کی زندگی پر بھاری پڑ جاتے ہیں۔ سیما اور پرویز سانیال مل کر اس کی موت کا سامان اکٹھا کرتے ہیں۔ فادر امبروسیو کی عبادت گاہ میں جس کی دیواروں پر پروفیسر کی پینٹنگیں سجی ہوئیں ہیں ایک پینٹنگ کے پیچھے ایک کھڑکی بھی ہے جس سے پروفیسر کو اطمینان رہتا ہے کہ وہ اس می محصور نہیں ہے۔ پرویز اور سیما مل کر اس کمرے کی کھڑکیوں کو نکال کر وہاں دیوار بنا دیتے ہیں اور دہلی سے واپسی پر جب پروفیسر اپنے کمرے میں جاتا ہے تو سیما باہر سے کنڈی لگا کر اس میں تالا جڑ دیتی ہے پھر دونوں وہیں بیٹھ کر کمرے کے اندر پروفیسر کی بے بسی کا لطف لیتے ہیں۔ پروفیسر کی عجیب بیماری اس پر حملہ آور ہوتی ہے اور اس طرح پروفیسر ایس کی عجیب داستان اپنے اختتام تک پہنچتی ہے۔
پروفیسر صدر الدین پرویز قریشی کی شخصیت سے اس کا کالا چشمہ ہمیشہ چپکا رہتا ہے۔ نفسیاتی طور پر جو لوگ سا دیت پسند ہوتے ہیں وہ کسی سے آنکھ ملانے کی جرأت نہیں رکھتے اسی لئے ہمیشہ اپنی آنکھ کو کالے شیشے میں چھپائے رہتے ہیں۔ پروفیسر کی پوری شخصیت ایک کولڈ بڈیڈ (Cold Blooded) سا دیت پسند کے طور پر اُبھرتی ہے جو اپنی کامیابی کے لئے کسی بھی حد کو پار کرنے کے لئے تیار رہتا ہے ، جہاں نہ رشتہ آڑے آتا ہے ، نہ ضمیر سامنے آتا ہے ، انتہا یہ ہے کہ دوستی اور وفاداری بھی اپنا اثر نہیں دکھا پاتی۔
یہ پورا ناول دو حصے میں بٹا ہے۔ پہلا حصہ احمد علی کی زندگی کا وہ حصہ ہے جو اس نے اپنی جدوجہد کے دوران کلکتہ کے نکسل تحریک کے سائے میں گزاری ہے اور دوسرا حصہ پروفیسر صدر الدین قریشی کا ہے۔ بظاہر دونوں حصے میں کوئی تل میل نہیں ہے لیکن احمد علی کے بیٹے پرویز سانیال کو اس کہانی کا حصہ بننا ہے اس لئے دونوں حصے میں ایک ربط پیدا ہو جاتا ہے۔ کلکتہ کی نکسل تحریک احمد علی اور آدیتی سانیال کی محبت اور احمد علی کے اندر چھپے ایک سچے انسان کی کہانی بڑی روانی کے ساتھ ہمارے سامنے آتی ہے اگر یہ پورا ناول ہی نکسل تحریک پر مبنی ہوتا توا کے رنگ ہی کچھ اور ہوتا لیکن شاید اس ناول کا مقصد پروفیسر ایس کی عجیب و غریب شخصیت کو قارئین کے سامنے لانا تھا اس لئے کہانی میں پروفیسر کی آمد ہوتی ہے۔
صدر الدین پرویز قریشی پروفیسر کہلاتا ضرور ہے لیکن پورے ناول سے اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا کہ وہ کب، کہاں اور کس کالج کا پروفیسر رہا ہے۔ اس ناول میں جتنے کردار سامنے آئے ہیں اس کے بارے میں صفحہ دس پر اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ یہ سارے نام اور کردار فرضی ہیں لیکن اس ناول کے کردار کے پردے سے کچھ جانی مانی شخصیتیں بھی ابھر کر قارئین کے سامنے آ جاتی ہیں۔ پورے ناول میں پروفیسر کا نام پروفیسر صدر الدین قریشی لکھا گیا ہے لیکن صفحہ 209 کی آٹھویں سطر میں ’صلاح الدین پرویز قریشی‘ لکھا ہوا ہے یہ اتفاق ہے یا کتابت کی غلطی اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔
اس ناول میں جزویات نگاری پر ذوقی کو کمال حاصل ہے خصوصاً جہاں سونامی کے تذکرے ہیں وہاں کی جزویات نگاری ایسی ہے کہ وہ ساری ہولناکی پھر سے ہمارے سامنے آ جاتی ہے جس کے ذکر سے ہی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہی اور یہی وجہ ہے کہ اس پر رپورٹنگ کا گمان ہونے گتا ہے۔ پروفیسر ایس کی شخصیت کو ڈھالنے میں ذوقی نے کافی محنت کی ہے اور ہمارے سامنے ایک ایسا کردار اُبھرتا ہے جو ایک نرم گفتار، بے حد پُر کشش شخصیت کا مالک، اپنی تحریروں سے جادو جگانے والا، لوگوں کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے والا، ذہین لوگوں کا استحصال کرنے والا اور جنسی طور پر بے حد سفاک شخص ہمارے سامنے آتا ہے۔ گرچہ پروفیسر ایس پرویز سانیال کو اپنا مستقبل بنانا چاہتا ہے لیکن اپنی تمام تر کاوشوں کے باوجود وہ پرویز کے اندر اپنی سفاکی منتقل نہیں کرپاتا۔ پرویز اپنے دس سالہ تجربے میں پروفیسر سے شدید نفرت کرنے لگتا ہے۔ انتہا یہ ہے کہ وہ اسے پستول سے قتل کرنا چاہتا ہے لیکن پروفیسر کی کم سن بیوی سیما جو پل پل اس کے ساتھ مرتی رہی ہے اور پرویز کی باہوں میں جا کر زندگی کا نشہ حاصل کر چکی ہے وہ اسے پستول سے مارنے کے بجائے اس کی عجیب سی بیماری میں مبتلا کر کے مارنے کا پلان بناتی ہے۔ ایسے سفاک شخص کا انجام کچھ ایسا ہی ہوتا ہے ، جب اس کے بے حد قریب والے لوگ ہی اس کے خاتمے کا سبب بنتے ہیں۔
ذوقی کی نثر میں کوئی الجھاؤ نہیں ہے اس میں روانی بھی ہے لیکن جذبات کی طغیانی بھی بہت ہے۔ جس پر اگر قابو پا لیا جائے تو اس سے بہتر ناول سامنے آ سکتا تھا۔ 520صفحات کی یہ کتاب بے حد خوبصورت چھپی ہے اور اس کے سرورق پر ایک ایسی تصویر کی جھلک موجود ہے جسے سونامی کے دوران کھینچے گئے سب سے بہتر تصویر کی شکل میں منتخب کیا گیا تھا۔ پشت پر ذوقی کی بے حد پُر کشش تصویر ہے جس پر پروفیسر ایس کا سیاہ چشمہ ان کی آنکھوں پر نظر آ رہا ہے شاید پروفیسر کے انتقال پُر ملال کے بعد اس کا سیاہ چشمہ ان کے ہاتھ لگ گیا ہو گا۔
مشرف عالم ذوقی اس خوبصورت ناول کے لئے مبارک باد کے مستحق ہی۔ ان میں لکھنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ان جیسی بے باکی اور راست گوئی سب کے نصیب میں نہیں ہوتی۔ ادب کے تئیں ذوقی کا ایک خاص نقطہ نظر بھی ہے جو ان کی تحریروں میں نظر آ جاتا ہے۔ مستقبل میں ذوقی سے اس سے بھی بہتر ناول کی امید کی جا سکتی ہے۔
’’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی‘‘
٭٭٭

سنّاٹے میں ___لینڈ اسکیپ کے گھوڑے

فضل امام ملک

کبھی آپ نے سنّاٹے کے گیت سنے ہیں۔ ضرور سنے ہوں گے۔ ذوقی کی کہانیوں میں سنّاٹا ایک بھیانک استعارہ کی طرح استعمال ہوتا ہے۔ پھر یہ استعارہ دھیرے دھیرے اپنے قاری کو اندھیرے کی ایک ایسی سرنگ میں لے جاتا ہے ، کہ جب قاری اس سرنگ سے باہر نکلتا ہے ، تو خوف سے کانپ رہا ہوتا ہے۔ شاید اسی لئے ذوقی ان دنوں اپنے ہر نئے مجموعے میں ، کہانیوں سے الگ اپنی بات کہنے کے لئے جس عنوان کا انتخاب کرتے ہیں ، وہ ہے ____ سنّاٹے میں تارا____ ظاہر ہے ، آزادی کے بعد کا یہ سنّاٹا ہی ہندستانی ادیبوں کے قلم کے لئے ایک بڑی تحریک ثابت ہوا ہے۔ کیونکہ اس سنّاٹے سے گزرے بغیر ایک ذمہ دار ادیب اپنے قلم کے ساتھ انصاف کر ہی نہیں سکتا____ اس لئے کہ ادیب اسی گہرے سنّاٹے کے خلاف اپنا احتجاج بلند کرتا ہے۔
دراصل اسی سنّاٹے اور خاموشی میں کئی کئی رنگ دکھائی پڑتے ہیں اور کئی کئی راگ سنائی پڑتے ہیں۔ ان دنوں اردو فکشن میں ، نئی نسل اسی ’خاموشی کی زبان‘ میں کہانیوں کے سفر کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ترقی پسند، جدیدیت اور مابعد جدیدیت کے نعروں کے بغیر نئی نسل شانِ بے نیازی سے اپنی تخلیقی صلاحیتوں میں گم ہے اور نہ صرف یہ کہ سماج اور ملک پر اُس کی نظر ہے بلکہ پوری دنیا اُس کے فکشن کا ایک حصہ بنی ہوئی ہے۔ جدوجہد، مزاحمت اور شدت کے ساتھ اپنے مسائل کو سامنے رکھنا اردو کے نئے افسانہ نگاروں کا مزاج بن چکا ہے۔ آج کی ان کہانیوں کا دائرہ بہت وسیع ہو گیا ہے اور اُن میں جو دنیا دکھائی پڑتی ہے وہ فکر کی سطح پر بھی اُنہیں قبل کے افسانہ نگاروں سے الگ کرتی ہے۔ ابھی حال تک ہمارے افسانہ نگار کہانیوں کے بجائے نعروں اور ’گھوشنا پتر‘ لکھنے کو ہی اچھی تخلیق گردانتے تھے ____ یا پھر ایسی دنیا کی تخلیق کرتے تھے جہاں نہ صرف، عام قاری کا گذر نہیں ہوتا تھا بلکہ سماج، دیش اور دنیا بھی اُن کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے تھے۔ وہ اپنی بنائی دنیا میں ہی گول گول گھوم کر تالیاں بجاتے ____ اور خود کو اتہاس کا انتم پرش ماننے کی خوش فہمی پالے رکھتے۔ اُس دنیا میں اتہاس رچنے کا دعویٰ کرنے والا ہر کہانی کار دوسرے سے صرف یہی سوال کرتا دکھائی دے رہا تھا کہ ’’بھلا میری قمیض تمہاری قمیض سے زیادہ سفید کیسے ؟۔‘‘ دراصل اُس پورے عہد نے اردو کہانیوں کا جو نقصان کیا اُس کا خمیازہ نئی نسل کو بھگتنا پڑا۔ لیکن بعد کی نسل اُس نقصان کی تلافی کے لئے قاری سے سیدھا مکالمہ کرنے میں جُٹی رہی بغیر کسی نعرے اور تحریک کے۔ دراصل جدیدیت اور ترقی پسندی کے شور کے بعد پیدا شدہ سنّاٹے کو نئی نسل نے نہ صرف توڑا بلکہ اُردو فکشن میں اپنی پہچان بہت شدت سے بنائی۔
مشرف عالم ذوقی اسی نئی نسل کی نمائندگی کرنے والے ایک اہم افسانہ نگار ہیں۔ جو نہ صرف مسلسل لکھ رہے ہیں بلکہ اردو کے ساتھ ساتھ ہندی میں بھی لگاتار چھپ رہے ہیں۔ ذوقی کی کہانیوں میں دیش، دنیا اور سماج کی فکر بہت ہی شدت کے ساتھ اُبھر کر سامنے آتی ہے۔ ذوقی کی کہانیوں کی نئی کتاب، ’’لینڈ اسکیپ کے گھوڑے ‘‘ میں بھی اس تیور کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ذوقی کے اس مجموعہ میں بھی دیش، دنیا اور سماج کا عکس صاف صاف دکھائی پڑتا ہے۔ ذوقی کی کہانیوں کی دنیا کوئی انجانی دنیا نہیں ہے بلکہ یہ ہماری اُس دنیا کو ہی ہمارے سامنے رکھتی ہے جس میں ہم سانس لیتے ہیں اور جہاں ہمارے سکھ دکھ ہیں ____ ہماری پریشانیاں ہیں ، ہماری خوشیاں ہیں۔ اس دنیا میں ترشول بھی ہے اور پھول بھی ____زندگی کے خوشنما رنگ بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ذوقی کی یہ کہانیاں ایک مکمل سروکار کے ساتھ ہمارے ساتھ ساتھ چلتی ہیں۔
مجموعہ دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے کی کہانیوں میں جہاں پھول ہے ، خوشبو ہے ____ عورت ہے ____ لینڈ اسکیپ ہے ____ رنگ ہے ____ بیٹی ہے اور کئی جانے انجانے چہرے ہیں۔ وہیں گلوبلائزیشن کی وجہ سے انسان کی شناخت کا خطرہ بھی ہے اور اُس شناخت کو بچائے رکھنے کے لئے پوری شدت کے ساتھ اُن خطروں کے خلاف تن کر کھڑے ہونے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ دراصل ذوقی کی یہ کہانیاں بار بار اپنے وقت اور سماج کے ساتھ ضروری مکالمہ کرتی ہیں۔ ’’انکیوبیٹر‘‘ ، ’’فریج میں عورت‘‘ ، ’’بیٹی‘‘ ، ’’بھورے بالوں والی لڑکی‘‘ لگ بھگ ایک ہی موضوع پر لکھی گئی کہانیاں ہیں۔ اسے یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ ہر کہانی پہلی سے آگے کی کہانی ہے۔ کہانیوں کا ٹرٹیٹمنٹ لاجواب ہے جو ہر کہانی کو ایک دوسرے سے الگ کرتی ہے ____ ان تمام کہانیوں میں عورت اصل کردار ہے۔ عورت، جس نے نئے زمانے یا نئے عہد کا لباس پہن لیا ہے۔ ذوقی کی اِن کہانیوں میں عورت کے ایک ساتھ اتنے روپ ملتے ہیں ، کہ شاید اس سے پیشتر اردو کہانیوں میں کبھی دیکھے نہیں گئے ہوں گے ____
مردوں کی بنائی دنیا میں عورت محض ایک شو پیس کی طرح ہے جسے جب چاہا استعمال کیا اور پھر سجانے کے کام میں لے آئے۔ عورتوں کا درد، اُن کے ساتھ ہونے والا ظلم، اُن کا استحصال ان کہانیوں میں اُبھر کر سامنے آیا ہے۔ ’’فزکس، کیمسٹری، الجبرا‘‘ بھی عورت اور مرد کے انہی رشتوں کو بیان کرتی ہوئی کہانی ہے لیکن آج بھی ہمارے سماج میں بیٹی اور باپ کا رشتہ عورت اور مرد کے رشتہ میں نہیں بدل پایا ہے۔ حالانکہ یہ سب کو پتہ ہے کہ جوان ہوتی بیٹی دھیرے دھیرے عورت میں تبدیل ہو جاتی ہے لیکن ہمارے سماج میں آج بھی اور شاید برسوں بعد بھی باپ اور بیٹی کا رشتہ مرد اور عورت کے رشتوں میں کبھی تبدیل نہیں ہو سکتا۔ کہانی کا باپ بھلے اپنی بیٹی کو لے کر طرح طرح کی باتیں سوچ سکتا ہے لیکن ہم جس سماج میں رہ رہے ہیں وہاں ان رشتوں کی اہمیت ہوتی ہے۔ اس سے شاید ذوقی بھی انکار نہیں کریں۔ یہ کہانیاں خاصہ بولڈ ہیں۔ اردو میں اس حد تک بولڈ کہانیاں شاید اس سے پہلے تحریر نہیں ہوئیں۔ آپ اختلاف کر سکتے ہیں۔ لیکن اتنا طئے ہے کہ کہانی کے اختتام تک آتے آتے ذوقی آپ کو خطرناک حد تک پریشان کر جاتے ہیں۔
’’لینڈ اسکیپ کے گھوڑے ‘‘ ، ’’انارکلی عمر 55سال‘‘ اور ’’الرجی بنام ہوڑہ کے سوپن رائے ‘‘ اس مجموعے کی دوسری بہترین کہانیاں ہیں۔ ان کہانیوں میں رشتہ کی ایک سوندھی مہک محسوس کی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی کنزیومر ورلڈ کے خطرے ، محبت کے نہ رہنے کا غم اور گم ہوتے شہروں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے ____ اور جیسا کہ میں نے شروع میں کہا تھا اردو کہانی میں نئی نسل اُس دنیا کو بھی دیکھ رہی ہے جو آئندہ برسوں میں آنے والی ہے۔ ذوقی ان کہانیوں میں اُس نئی دنیا سے بھی ہمیں متعارف کراتے ہیں۔
’’سیاہ حاشئے ‘‘ کے عنوان سے مجموعہ کے دوسرے حصے میں گجرات کا فساد دکھائی دیتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ لوگ ذوقی پر یہ الزام لگائیں کہ وہ ان کہانیوں میں لاؤڈ ہو گئے ہیں۔ لیکن اُن سے یہ سوال پوچھا جا سکتا ہے کہ ایسا کر کے اُنہوں نے کیا غلطی کی ہے۔ آج جب اس ملک میں ہر مسلمان کو شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہو اور اُسے آئی ایس آئی کا ایجنٹ یا پاکستانی قرار دینے میں ایک سیکنڈ کا وقت بھی نہ لگتا ہو____ تو ظاہر ہے کہ اپنی بات کہنے کے لئے ہمیں بھی اُسی طرح جواب دینا ہو گا۔ اس ملک میں آج سب سے بڑی ٹریجڈی ہمارے ساتھ، ہمارا مسلمان ہونا بھی ہے۔ ہمارا یہ کرب ذوقی نے اپنی کہانیوں کے ذریعہ ہمارے سامنے رکھا ہے۔ گجرات میں جو کچھ بھی ہوا وہ آج بھی ہم بھلا نہیں پائے ہیں۔ وحشی پن اور بربریت کا جس طرح سے مظاہرہ، آر ایس ایس اور اُن کے سوئم سیوکوں نے نریندر مودی کی سرپرستی میں کیا اُس درندگی کی مثال آزاد ہندوستان کی تاریخ میں مشکل سے ملے گی۔ ’’لیبارٹری‘‘ اور ’’احمدآباد 302میل‘‘ میں ذوقی نے فرقہ وارانہ فساد کے دوران وحشی بنے انسانوں کی منظر کشی بہت ہی موثر ڈھنگ سے کی ہے۔ ’’سارے ملک کو گجرات بنادیں گے ‘‘ جیسے نعرے وشو ہندو پریشد اور سنگھ پریوار نے تب بہت زور شور سے اُچھالا تھا اور ’’لیبارٹری‘‘ میں اُس نعرے کو ہم آپ دیکھ سکتے ہیں۔
’’سنّاٹے میں تارا‘‘ میں ذوقی نے ان باتوں پر تفصیل سے گفتگو کی ہے۔ اُن کی اس تحریر میں اُن کے اندر کا انسان (مسلمان نہیں ) پوری طرح دکھائی دیتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اُن کی اس تحریر میں بھی فرقہ واریت کے عنصر تلاش کئے جائیں لیکن آج جس سماج میں ہم جی رہے ہیں۔ اس پالیٹیکل سسٹم (Political System) میں ہمیں مضبوطی سے اپنی بات کہنے کے لئے ذوقی جیسے ’لفظوں ‘ کا ہی سہارا لینا ہو گا۔ کیونکہ 55برسوں کی آزاد فضا میں ، ہماری احساس کمتری ہمیں جس مقام تک لے آئی ہے ، اُسے نفسیاتی طور پر بھی دور کرنے کے لئے ہمیں اندر کے آدمی کو مضبوط تو کرنا ہی ہو گا کیونکہ آج پوری دنیا میں ’’اسلامی آتنک واد‘‘ کا ایک نیا راگ پوری شدت سے الاپا جا رہا ہے۔ عالمی سطح پر بُش اور اُس کے ساتھی چیخ چیخ کر اس بات کا اعلان کر رہے ہیں تو ہندستان میں پروین توگڑیا کھلے طور پر اور اٹل بہاری واجپئی ڈھکے چھپے لفظوں میں اُسی سُر میں سُر ملا رہے ہیں۔ ایک جھوٹ کو دو بار بولا جائے تو وہ سچ ہو جاتا ہے ، یہ فلسفہ نہیں حقیقت ہے اس لئے جھوٹ کے خلاف تو ہمیں احتجاج بلند کرنا ہی ہو گا اور ذوقی کے لفظوں میں ’’سیاست کے گندے تالاب میں منطقوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ____ صرف مہرے ، چلنے اور پیٹنے کا کھیل رہ گیا ہے ____‘‘
اور سوال یہ ہے کہ آخر ہم کتنے دن مہرے بنے رہیں گے۔ ’’لینڈ اسکیپ کے گھوڑے ‘‘ سے گذرتے ہوئے آپ بھی میری طرح اس سوال سے روبرو ہوں تو کوئی تعجب کی بات نہیں۔ اور آخر میں۔ ذوقی کا یہ مجموعہ صرف مطالعہ کی چیز نہیں ، اس پر غور و فکر کی ضرورت بھی ہے ____ کیونکہ آپ زمینی مسائل اور سیاست سے علیحدہ رکھتے ہوئے آج کے زمانے میں اچھا ادب تحریر نہیں کر سکتے ____
٭٭٭

مشرف عالم ذوقی کے ناول ’’ذبح‘‘ کا تنقیدی جائزہ

تاج پیامی

مشرف عالم ذوقی اردو افسانے کا ایک مشہور نام ہے۔ ان کی ایک طویل نظم ’’لپروسی کیمپ‘‘ کے نام سے شائع ہو چکی ہے۔ ان کے افسانوں کے بھی کئی مجموعے شائع ہو چکے ہیں جن میں ’’بھوکا ایتھوپیا‘‘ ، ’’منڈی‘‘ ، ’’غلام بخش اور دیگر کہانیاں ‘‘ کے علاوہ صدی کو الوداع کہتے ہوئے اور ناول میں ’’بیان‘‘ بہت مشہور ہوا ہے۔ بیان 6؍دسمبر کے نام معنون ہے جب بابری مسجد منہدم کر دی گئی تھی۔ ’نیلام گھر‘ ایک عظیم ناول ہے جس میں زندگی کے ہر شعبہ میں پھیلی ہوئی بُرائی اور گندگی کو بو کی علامت میں پیش کیا گیا ہے۔ اس گندگی یا بدبو کو دور کرنے کے لئے رضا کارانہ طور پر کیمپ لگا کر قلب ماہیت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ’’شہر چپ ہے ‘‘ میں کوڑھیوں کے مسائل کے ساتھ سماجی برائیوں کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ذبح میں بنیادی طور پر غربت اور بے روزگاری کو پیش کیا گیا ہے۔ زمانہ بدلا تو نئی نئی چیزیں ایجاد ہوئیں جسے ترقی کا نام دیا گیا___ مگر یہی ترقی بعض خاندان کے لئے تنزلی اور بے روزگاری کا باعث ہو گئی۔ مثلاً گیس اور آٹو رکشا وغیرہ کی ایجاد سے ٹمٹم والوں کے روزگار پر منفی اثر پڑا۔ اسی طرح چاپاکل کی ایجاد سے بڑے گھروں میں پانی دینے والے بہشتی کا روزگار ایک دم ختم ہو گیا____ وہ دو وقت کی روٹی کے لئے بھی محتاج ہو گئے۔ ذبح دراصل ایک بہشتی خاندان کی کہانی ہے جس میں اس کے دوستوں کا تذکرہ بھی ضمنی طور پر آگیا ہے۔ ناول زندگی کے مختلف اور گوناگوں پہلوؤں کو پیش کرنے کے ایک بہترین ذریعہ ہے کیونکہ اس کا کینوس بہت وسیع ہوتا ہے۔ اس ناول میں ایک غریب آدمی کی سوچ، تمنا، خوشی، غم اور روزی روٹی حاصل کرنے کے لئے تگ ودو کو تفصیل کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
مشرف عالم ذوقی نے اپنے اس ناول کا نام ’’ذبح‘‘ جرمن شاعر ایریش فریڈ کی ایک نظم سے لیا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ: سست لوگوں کو ذبح کیا جائے گا/ دنیا چست ہو جائے گی۔ بدصورتوں کو ذبح کیا جائے گا/ دنیا خوبصورت ہو جائے گی، بے وقوفوں کو ذبح کیا جائے گا/ دنیا عقل مند ہو جائے گی، بیماروں کو ذبح کیا جائے گا/ دنیا تندرست ہو جائے گی، افسردہ دلوں کو ذبح کیا جائے گا/ دنیا خوش وخرم ہو جائے گی، بروں کو ذبح کیا جائے گا/ دنیا اچھی بن جائے گی۔
اگر شاعر نے طنز کیا ہے تو ٹھیک ہے ورنہ یہ نظم انسانیت کے خلاف ہے۔ ورنہ یہ کہ جو تندرست ہیں وہ ضرور ایک نہ ایک دن بیمار پڑیں گے اور جو جوان ہیں وہ بوڑھے بھی ہوں گے اور وہ لوگ جو دولت مند ہیں یا کسی اچھے عہدہ پر فائز ہیں کسی غریب کو نوکر کی حیثیت سے رکھتے ہیں گویا اُسے ذبح کرتے ہیں یہی بات اس ناول میں بھی پیش کی گئی ہے۔ ذبح کی کہانی عبدل کی زندگی کی دوپہر اور شام کے تسلسل کے ساتھ پیش کی گئی ہے۔
ذبح کے خاص کردار عبدل (بہشتی) ، مشتری (عبدل کی بیمار بیوی) ، اسلم (بڑا لڑکا) ، بے روزگار اشرف، مہرن (جوان لڑکی۔) عبدل چودھری رشید کے یہاں پانی دیا کرتا تھا۔ گھروں میں پانی دینا ہی اس کا روزگار تھا۔ گھر گھر چاپاکل لگنے لگا____ میونسپلٹی بھی جگہ جگہ پانی کے نل لگانے لگی۔ بہشتی کا دھندا چوپٹ ہو گیا۔ ناول سے یہ اقتباس ملاحظہ ہو جس میں چودھری رشید اور عبدل کا مکالمہ ہے :
’’مزدوروں نے چاپاکل سے گندے پانی کی دھار نکال دی تھی۔ اب مزدور شور مچا رہے تھے۔ چاپاکل عبدل کو کسی خبیث کی طرح نظر آرہا تھا۔
’’آتے رہنا‘‘ ___
’’عبدل کی آواز لڑکھڑائی…‘‘ میں کہاں جاؤں گا چودھری صاحب… میرا کیا ہو گا۔‘‘
’’تم دیکھتے نہیں۔ ترقی ہو رہی ہے۔‘‘
چودھری رشید نے خوش ہو کر کہا۔ ’’اب چھوٹے چھوٹے شہر بھی پانی اور بجلی کے معاملہ میں خودکفیل ہونے لگے ہیں۔ ترقی ہو گی تو نئی چیزپرانی پڑے گی۔ ایک نئی چیز آئے گی، دیکھتے نہیں ، پہلے جوتے چمار سے خریدتے تھے اب الگ الگ کمپنیاں آگئی ہیں ، نئے نئے ماڈل کے جوتے …‘‘

’’یعنی میری ضرورت…‘‘
یہ آواز ایسی ہی تھی جیسے ڈاکٹر نے مریضوں کے رشتہ دار سے کہا ہو‘‘ بچنے کی صورت ایک فی صد بھی نہیں۔‘‘
’’تھکا ہارا عبدل جس وقت میرے کمرے سے گزر رہا تھا وہ برسوں کا بیمار نظر آرہا تھا۔‘‘

جینوں میاں بھی عبدل کی طرح مشک سے گھروں میں پانی دیا کرتے تھے۔ گھروں میں ٹیوب ول لگ جانے کے سبب مشقہ کا پیشہ ختم ہو گیا تو یہ رکشا چلانے لگے۔ جلد ہی منہ سے خون آنے لگا ____ ایک ڈیوڑھی میں جینومیاں کی میت پڑی تھی۔
عبدل کی آنکھوں کے آگے دھندلے سے ڈراؤنے خاکے اُبھرنے لگے ____ جیسے سب کا یہی حشر ہونے والا ہے۔ جینومیاں کے گھر میں اتنا پیسہ نہیں تھا کہ کفن دفن کا انتظام ہوپاتا۔ عزیز بھائی درزی والے نے سو روپیئے دیئے تو چینو میاں کی تجہیزوتکفین ہوئی۔ یہ درد ناک منظر عبدل کے نگاہوں کے سامنے پیش آیا۔
ذبح ناول میں تبلیغی جماعت کے امیر کا ایک نوجوان کے سوال پر جزبز ہونا، چند اہم فروشات، عبدل کا زندگی کرنے کے لئے جدوجہد اور پھر اپنے بیٹے کو قتل کرنا ایسے واقعات ہیں جن پر روشنی ڈالنا ضرور ہے۔
جب امیر جماعت نے کہا ’’میرا دعویٰ ہے کہ اگر مسلمان نماز اور دیگر ارکان کی پیروی کرنے لگیں … سارے مسئلے تب خود ہی ختم ہو جائیں گے۔‘‘
’’نہیں یہ ختم نہیں ہوں گے ‘‘ ایک نوجوان نے کہا ’’جو صورت حال آج مسلمانوں کے سامنے ہے یعنی فرقہ واریت کے بڑھتے ہوئے قدم اور ہمارا عدم تحفظ۔ آر ایس ایس، وشوہندو پریشد اور بھاجپا کے بڑھتے خونخوار ہاتھ۔ جو ایودھیا، کاشی اور متھرا سے ہوتے ہوئے جامع مسجد، تاج محل اور لال قلعہ کی طرف خونی نظریں گڑاتے دیکھ رہے ہیں کہ وحشی قوم بابر کی اولاد، تم پہلے بھی بابر تھے۔ کل بھی، آج اور ہمیشہ سے ___ اب تمہاری آواز پر روک لگائیں گے ___ تو یہ جو کچھ ہو رہا ہے ___ کیا آپ کی نظر میں صرف اور صرف یعنی بد سے بدترین ہوتا ماحول___ کیا صرف یہ ہمارے مذہبی ہو جانے سے ٹھیک ہو جائے گا؟‘‘ امیر جماعت نے جو کچھ اس کا جواب دیا عبدل کے لڑکے اسلم کو لگا، امیر جماعت محض لفظوں کی بھول بھلیوں میں انہیں گھما رہے ہیں۔‘‘ اس نے امیر جماعت سے کہا ___ ’’سارا فساد سارا ہنگامہ تو بس اس جہنم تک آکر ختم ہو جاتا ہے۔ اس پیٹ کے جہنم تک___ کیسا مندر، کیسی مسجد کیسا فساد۔ یہ بڑے بڑے لوگ تو بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں۔ پیٹ کے جہنم اور روزی روٹی کی بات کوئی نہیں کرتا۔‘‘ نوکری، ہمیں نوکری چاہئے۔ نوکری دے سکتے ہیں آپ؟‘‘ مگر اس کا جواب ان کے پاس نہیں تھا۔ دراصل ہندستان میں جتنی بھی مسلم تنظیمیں اور جماعتیں ہیں ان کے یہاں مذہبی پہلو کو چھوڑ کر زندگی کے دیگر اہم مسائل کے حل کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ محمد سجاد، اپنے مضمون ’’ہندوستان مسلمانوں کے گذشتہ 50سال اور نئی صدی میں سمت کی تلاش‘‘ (تہذیب الاخلاق مئی 2000) میں لکھتے ہیں ‘‘۔ بہت سے لوگ اس بات پر اس جماعت (تبلیعی جماعت) کی تنقید بھی کرتے ہیں کہ مبلغین تقویٰ کے اپنے اس مصنوعی ماحول میں بند کر کے مسلم معاشرے کے حقیقی حالات سے منہ موڑ رہے ہیں جبکہ اسلام یہ تعلیم دیتا ہے کہ سماج کے تمام مسائل کا سامنا پوری بہادری اور تعقل پسندی کے ساتھ کیا جائے۔ لیکن مناسب سیاسی عمل سے ، تعلیمی، سماجی، معاشی ودیگر مسائل سے الگ رہنے کے اس رویے کا اثر بُرا بھی پڑ رہا ہے۔‘‘
نیچے طبقہ کے لوگوں کی گفتگو فحش اور مبالغہ آمیز ہوتی___
’’سالوں نے علی گڑھ میں مسلمانوں کو چن چن کر مارا___
’’سنا اسرائیل خانۂ کعبہ پر بم گرانے والا ہے ___
’’امریکہ پھر عراق کو تہہ وتیغ کرنے کی تیاری کر رہا ہے ___
’’اشوک سنگھل اور اڈوانی کا ارادہ ہندستان کی باقی مسجدوں کو بھی ڈھا دینا ہے۔
’’بھولا میاں کے یہاں لڑکاہوا___ لڑکے کا نام ’صدام‘ رکھا گیا۔‘‘
تعزیہ داری میں ہندو مسلم بھی دلچسپی لیا کرتے ، خاص کر غریب مسلمانوں کی دلچسپی دیکھنے کی ہوتی۔ اس محلے کے تعزیہ کا نام ہوتا تھا چودھری چک کا تعزیہ اور جنومیاں اس موقع پر سب کی نگاہوں کے چراغ تھے۔ پہلی محرم سے ہی ان کی کارروائی دیکھنے کے لائق ہوتی۔ سیاہ کپڑے پہن لیتے ، سر سے جیسے دو پلّی ٹوپی چپک جاتی اور جب چودھری چک کے تعزیہ اٹھنے کے قبل امام باڑے پر فاتحہ ہوتا، شربت اور مالیدے بانٹے جاتے تب جینو میاں کا رعب اور دبدبہ دیکھنے کے لائق ہوتا۔
غریبوں کی زیادہ تر لڑکیاں جنسی بے راہ روی کا شکار ہو جاتی ہیں کیونکہ ان کے پاس سوائے جنس کے کوئی دوسرا تفریح کا ذریعہ نہیں ہوتا۔ عبدل کی بیٹی مہرن کا تعلق بھی عزیزدرزی کے بیٹے رفیق سے ہو جاتا ہے اس کا بھائی اشرف دیکھ لیتا ہے اور رفیق کو ذدوکوب کرتا ہے۔ کافی بدنامی ہوتی ہے۔ عبدل مہرن کا رشتہ لے کر عزیز درزی کے پاس جاتا ہے اور اس کی جو ذلت ہوتی ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ بیٹی کے باپ کا گریباں پکڑے پکڑے خلیفہ اسے سڑک پر لے آیا۔ خلیفہ زورزور سے چیخ رہا تھا ’’سنتے ہو بھائی لوگو۔ اِی چوٹّا، اپنی لڑکی کی نسبت لے کر آیا ہے رفیق سے۔‘‘ اسلم نے عبدل کا ہاتھ سختی سے پکڑا اور اسے تیزی سے گھر کے اندر کھینچ لیا۔
جب گھر گھر چاپاکل لگ جانے سے سقّہ کا پیشہ ختم ہو گیا اور عبدل بے کار ہو گیا تو اُس نے کئی دوسرے کام کرنے کا ارادہ کیا۔ مزدوری، بجلی کا کام، رکشا چلانا مگر سب میں ناکام رہا۔ اس کا چھوٹا لڑکا اشرف پہلے ہی سے چوری کرتا تھا۔ عبدل بھی اسلم کے ساتھ مل کر رہزنی کرنے لگا کیونکہ اصل مسئلہ پیٹ کی آگ بجھانے کا تھا۔ ایک بار شہر میں فساد پھوٹ پڑا تو وہ بھی اسلم کے ساتھ مال لوٹنے نکلا۔ لیکن اس نے کبھی چوری اور لوٹ کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا۔ وہ اپنے گھر کی بدحالی کی پوری ذمہ اپنے ناکارہ اور لاخیرے لڑکے کو دیتا تھا۔ خاص کر آوارہ اشرف کو۔ گھر میں کھانے کو دو وقت کی روٹی ملتی تو اس کا یہ حال تھوڑے ہی ہوتا___ اسلم کہتا ہے۔
’’کیونکہ بُرے دنوں کو وہ اشرفوا کا قصور مانتے تھے … اشرفوا کو مار کر اباّ کو جیل ہو گئی اور جیل میں ہی اباّ…‘‘
___رکشہ چلانا چھوڑ کر میرے ساتھ چلو گے ___ رہو گے میرے ساتھ؟‘‘
’’نہیں صاحب… مجھے اباّ نہیں بننا ہے۔ آگے اس کے بعد کچھ مت پوچھنا صاحب…‘‘
مجھے لگا وہ کہہ رہا ہو ’’…منا بابو… اب ذبح نہیں ہونا ہے مجھے … اباّ کی طرح…اباّ مرے نہیں ، سیدھے جانور کی طرح ذبح ہو گئے آسانی سے۔‘‘
’’ہاں / ہم تیار نہیں ہیں / اس طرح/ بار بار ذبح ہونے کے لئے۔‘‘
مشرف عالم ذوقی کا یہ ناول دلت ادب میں ایک گراں قدر سرمایہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا___ یہ وہ موضوعات ہیں جن پر اردو والے قلم اُٹھانے سے خوف کھاتے رہے ہیں۔

پروفیسر ایس کی عجیب داستان___ وایا سونامی: ایک مطالعہ

تسنیم فاطمہ

اردو میں آغاز سے ہی ناول لکھنے کا چلن رہا ہے۔ شاد عظیم آبادی کا ناول ہو، رسوا کی امراؤ جان، دپٹی نذیر احمد یا شرر کے ناول۔ یا اس کے بعد عصمت چغتائی، عبد اللہ حسین، شوکت صدیقی، ممتاز مفتی اور قرۃ العین حیدر کے ناول۔ پندرہ بیس برسوں کے سفر کا جائزہ لیجئے ، تو عبد الصمد، غضنفر، عاصم بٹ، حامد سراج اور وحید احمد کے ناول بھی اپنی شان بکھیرتے نظر آتے ہیں۔ تاریخی ناولوں کی بات کیجئے تو مصطفی کریم کا نام طوفان کی آہٹ اپنے مخصوص پس منظر‘ بناوٹ اور مکالمہ نگاری کی وجہ سے اپنی انفرادی پہچان بنانے میں ہر طرح سے کامیاب نظر آتا ہے۔ اس لیے اب یہ بات نہیں کہی جا سکتی کہ اردو میں بڑے ناول نہیں لکھے جا رہے ہیں۔ سنجیدہ اور گلوبل گاؤں کی فکر رکھنے والوں کی ایک جماعت ناول کی دنیا میں نیا ڈھونڈھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اور ان کا ادب کسی بھی سطح پر ارندھتی رائے یا چھمپالہری کے ادب سے کم نہیں ہے۔ مثال کے لیے کہا جا سکتا ہے کہ پندرہ برسوں سے جن بڑے ناول نگاروں نے اپنی مخصوص پہچان بنائی، ان میں مصطفی کریم، وحید احمد اور مشرف عالم ذوقی کا نام خصوصیت سے اس لیے بھی لیا جانا چاہئے کہ ان ناولوں کے پس منظر میں نہ صرف ایک بڑی دنیا کا دکھ قید ہے ، بلکہ یہ ناول جس طرح زمانو مکان کا احاطہ کرتے ہیں ، ان باتوں کا اب سے قبل کے ناولوں میں فقدان تھا۔
تاریخی اعتبار سے مصطفی کریم کا ناول ایک شاہ کار کا درجہ رکھتا ہے۔ وحید احمد نے اپنے ناول ’زینو‘ میں ہزا رہا برسوں کے سفر کو جس طرح دیکھنے یا جائزہ لینے کی کوشش کی ہے۔ اس کی مثال دور دور تک نظر نہیں آتی۔
لیکن یہاں میرا موضوع مشرف عالم ذوقی کا ناول ’پروفیسر ایس کی عجیب داستان وایا سونامی‘ ہے ، جو سونامی کے عذاب کے صرف چھ ماہ بعد شائع ہو کر منظر عام پر آیا ہے۔ اور دیکھنے والی بات یہ ہے کہ یہ ناول ۵۴۰صفحات پر مشتمل ہے۔ ناول میں جس طرح موجودہ عہد اور موجودہ عہد کے سائنسی تجربات، ان سے متاثر شدہ معاشرہ اور معاشرے کی گمراہیو بدعنوانی کی تصویر کشی کی گئی ہے ، وہ دنیا کے چند بڑے ناول نگار مثلاً تالستائے ، گوگول اور دوستو فکی کی یاد دلانے کے لیے کافی ہیں۔
ایک اور حقیقت ہے کہ ہم ایک ایسے بے ڈھب اور سڑے ہوئے بازار میں قدم رکھ چکے ہیں۔ جہاں ہر چیز بک رہی ہے۔ اردو بھی بک رہی ہے۔ اردو زبان بھی، اردو کے چاہنے والے بھی۔ اس لیے یہ امید کرنا فضول ہے کہ آنے والے وقتوں میں یا مستقبل قریب میں اس ناول پر گفتگو کے دروازے کھلیں گے۔
سوال یہ ہے کہ گفتگو کون کرے گا؟
جو گفتگو کرنے والے ہیں۔ وہ یہاں سونامی کے بہانے ، حمام میں ننگے کھڑے ہیں۔ اردو مافیا کی شکل دیکھنی ہو تو ذوقی کا یہ ناول کافی ہے۔ یہاں سمینار ہوتے ہیں ، محفلیں سجائی جاتی ہیں۔ ہزاروں لاکھوں روپئے اکادمیاں ایک دوسرے کو خوش کرنے میں خرچ کر دیتی ہیں مگر اردو کا بھلا کیوں نہیں ہوتا؟
اردو کا بھلا ہو ہی نہیں سکتا، کیوں کہ جب تک صدر الدین پرویز قریشی، لوپی چند سیب جیسے کردار ہمارے درمیان ہیں ہم ضمیر فروشوں میں شامل ہیں۔ جہاں نہ زبان کا بھلا ہو سکتا ہے ، نہ ہی ہم کسی فنکار کی صحیح قدرو قیمت کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
سونامی کیا ہے ؟ کیسے آتی ہیں سونامی لہریں ؟ پروفیسر ایس کی عجیب داستان وایا سونامی، پڑھ کر مجھے اپنے سوالوں کے جواب مل گئے۔ ذوقی کا سونامی، سونامی لہروں کی داستان ہے۔ اس سونامی میں ہماری گم ہوتی شناخت کا نوحہ ہے تو کہیں گلوبل ورلڈ میں دم توڑتی تہذیب کا ماتم____ ادب اور ادیب کو بہا کر ساتھ لے جانے والی سونامی لہریں ہیں۔ ذوقی نے سونامی کے ذریعہ اردو کے ٹھیکیداروں کو بے نقاب کیا ہے جو زبان کے فروغ کا دھندا کرتے ہیں اور انعام حاصل کرتے ہیں۔ جہاں الگ الگ چہرے اور الگ الگ سوچ رکھنے والوں کی بھیڑ ہے مگر ذوقی اس بھیڑ کا حصہ نہیں بن سکتے ____ ذوقی اردو ادب کا ایک مضبوط ستون ہیں۔ آج جہاں ہم سب بدلتی دنیا۔ بدلتے رشتوں اور بدلتے ہوئے سماج کو قبول کر رہے ہیں تو ادب میں تخلیقی تبدیلی سے ناراضگی کیوں ؟ تغیرات فطرت کا مزاج ہے۔
پریم چند، منٹو، بیدی، کرشن چندر، عصمت چغتائی اور قرۃ العین حیدر یہ اردو ادب کے ستون ہیں۔ اور اب ذوقی بھی اس ستون کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں۔ ادب عالیہ انٹرنیشنل جولائی ۲۰۰۳ء میں ’’ساتویں ادیب کی تلاش‘‘ مضمون میں ایم علیگ/ دہلی نے ایک جگہ تحریر کیا ہے۔
’’مجھے ذوقی کی ہر کہانی میں بیدی کی طرح تہہ داریاں نظر آتی ہیں ____ ہرجملے میں اتنی سائکی، ہر جملے میں بھرپور معنویت، ہر جملے میں اتنے گرہیں کہ قاری حیرت زدہ رہ جاتا ہے۔ منٹو کی طرح قدم قدم پر چونکانے کا عمل۔ کرشن چندر کی طرح بیباکی اور برجستگی۔ کہانی کی خوبصورت تکنیک اور کہانی کہنے کا ہنر اور عصمت چغتائی کی طرح ان کی کہانیوں میں بولڈ نیس ہے۔ عورت کی سائیکی ہے۔ ایک چیخ ہے جو سیدھے دلوں میں اترجانے کا حوصلہ رکھتی ہے۔‘‘
ذوقی نے کہانی کے آنچل کو ہندوستان و پاکستان کے آسمان پر ہی نہیں بلکہ اردو کی نئی بستیوں کے آسمان پر بھی پھیلا دیا ہے۔ میں یہ ذوقی کا اسلوب منفرد ہے ____ ذوقی جانتے ہیں کہ بدلنا ہی زندگی ہے۔ وہ تیزی سے تبدیلی کو قبول کر رہے ہیں۔ اور اپنی کہانیوں میں اس تبدیلی کو جگہ دے رہے ہیں۔ آج زندگی کے ہر شعبہ میں تبدیلی آچکی ہے تو پھر ادب بھی تو زندگی کا آئینہ ہے۔ اس میں تبدیلی کیوں نہیں ؟
سونامی محض سمندری لہروں کا ترجمان ہی نہیں بلکہ یہ لہریں تہذیب کو بہا کر لے جانے والی، روایتوں کو توڑنے والی، رشتوں کی پریبھاشاؤں کے معنی بدلنے والی ہیں۔ ساتھ ہی یہ لہریں انسانی فطرت کی عکاس بھی ہیں۔ انسانی نفسانیت کے مطابق ایک عمر گزرجانے پر ہر انسان کو یہ خوف کہ اگر ہم ختم ہو گئے تو آگے کیا ہو گا۔ آگے کون سی دنیا ہمارا استقبال کرے گی۔ پروفیسر ایس پرویز سانیال کو اپنا کلون بنانا چاہتا ہے۔ ذوقی نے اس نفسیاتی خواہش کا مذاق ہی نہیں بلکہ اس کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ پروفیسر ایس نے دس سال تک اپنے تجربوں کو یکجا کیا اور پرویز سانیال کو پروفیسر ایس جیسابنانے میں صرف کر دیا۔ مگر ناکام رہا۔___ احمد علی کا کردار اتنا متاثر کن ہے کہ کہیں کہیں وہ پروفیسر سے بھی آگے نکل جاتا ہے اس کردار میں اتنے رنگ ہیں کہ اس کا فریم بار بار بدلتا رہتا ہے۔ کبھی وہ بے روزگاری کو پیش کرتا ہے تو کبھی آندولن کاری کامریڈ بننے کی ناکام کوشش کرتا ہے چوں کہ اصل میں وہ مذہبی ہے اور ا دیتی کے کمرے میں نماز پڑھ کر وہ مسلمان ہونے کی دلیل بھی پیش کرتا ہے۔ آگے چل کر وہ پراپرٹی ڈیلر بن ایک جذباتی باپ کا رول پلے کرتا ہے۔ اتنے شیڈس احمد علی کے ہیں کہ یہ سونامی کا یادگار کردار معلوم ہوتا ہے۔
٭ احمد علی کی زندگی کا خطرناک موڑ جب سدیپ سانیال اس کو ایک پسٹل اٹھا کر دیتے ہیں تو … احمد علی۔ اس کا دل دھک۔ دھک کر رہا ہوتا ہے۔ وہ اپنے آپ میں سمٹتا ہے۔ اور کانپتے ہاتھوں سے کٹّا پکڑ لیتا ہے۔
٭ دوسرا خوبصورت موڑ جب وہ ’کشواہا‘ کے گھر جاتا ہے اور اس کی ملاقات ’کشواہا‘ کی جوان لڑکی سے ہوتی ہے۔
’’وہ لڑکی جوانی کے نشے میں چور۔ خوبصورت پہناوا۔ یقینا اس کے خواب بھی خوبصورت ہوں گے۔ ممکن ہے کوئی زندگی میں بھی آچکا ہو۔ آخر اس لڑکی کا کیا قصور۔‘‘
پھر ایک خوبصورت بھرم ا دیتی سانیال کا…
’’ا دیتی کو احساس تھا کہ احمد علی نے اس کی باتوں کی لاج رکھ لی ہے۔‘‘
لیکن احمد علی، دروازہ، کھلنے تک اندر کی کشمکش میں الجھا ہوا تھا۔ اور اگر وہ مہربان، محبتوں والا چہرہ اس نے نہ دیکھا ہوتا تو…؟‘‘
ا دیتی سانیال ایک حساس لڑکی ہے ، جو صرف پیار کرنا جانتی ہے۔ محبتیں لٹانا جانتی ہے اور اس لیے وہ احمد علی کو اپنا جیون ساتھی بنا لیتی ہے۔ محبت کے سامنے دھرم کو بھی اہمیت نہیں دیتی۔ اس کا دھرم محبت ہے۔ صرف محبت۔ وہ اپنے ہمسفر احمد علی کا ہر برے وقت میں ساتھ دیتی ہے۔ اپنے بیٹے پرویز سانیال سے بھی وہ بے انتہا پیار کرتی ہے اور اس کے بچپن کی ساتھی شیلی کو بھی ___ساتھ ہی وہ دونوں کو جوڑنے کے خواب سجانے لگتی ہے۔
پروفیسر ایس کے کردار میں بھی کئی رنگ ہیں۔ سچ سے بھاگنے والا۔ غرور اور تکبر کی چادر میں لپٹا ہوا۔ عورت کو صرف جسمانی ضروریات پوری کرنے والی چیز سمجھنے والا بزدل انسان۔ محبت کو بے کار اور کمزوری کی علامت کہنے والا۔
’’محبت کمزور لوگوں کا ہتھیار ہے۔ صحت مند انسان محبت نہیں کرتا۔ محبت کمزوری کی علامت ہے۔ جو زندہ آنکھوں سے دیکھنے کی قوت چھین لیتی ہے۔‘‘___ شیلی ا دیتی سانیال کی تاریخ کو دہراتی ہے اس میں بھی محبت کرنے کا جذبہ ہے مگر ا دیتی سے ایک قدم آگے وہ سیما کے لیے بھی اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتی ہے۔ سیما اس ناول کا سب سے زیادہ متاثر کرنے والا کردار ہے۔
’’سونامی لہریں موت دیتی ہیں تو آپ کو زندگی بھی دیتی ہیں۔ ذرا لہروں سے نکل کر ساحل پر جا کر دیکھئے۔ زندگی سے لبریز لوگ ہنستے گاتے قدرتی لباس میں مساج یا سن باتھ لیتے ہوئے۔ موسیو، مجھے تعجب اسی بات پر ہے کہ تم موت کھوجتے رہے اور میں سمندر سے زندگی تلاش کرتا رہا۔ موت کے ہر ڈر کے بعد زندگی کے دس راستے کھل جاتے ہیں۔‘‘
’’میں نے ریت پر ہوا سے اڑتے اپنے سو روپئے کے نوٹ کو دیکھا جس سے روئی کا محض ایک ٹکڑا بازی لے گیا تھا۔‘‘
’’جو مرگئے خوش نصیب تھے۔ جنہیں لہریں بہا کر لے گئیں۔ وہ سچ مچ خوش نصیب تھے سر۔ موت سے زیادہ زندگی بھیانک ہوتی ہے۔ انہیں تو پتہ بھی نہیں چلا ہو گا۔ ایک تیز سونامی لہر۔ اور ان کی آنکھیں تو چٹکی میں خوف سے بند ہو گئی ہوں گی۔ ہمیشہ کے لیے۔ اس نے ایک لمبی آہ بھری۔ لیکن یہ لوگ ____ ان کا درد نہیں دیکھا جاتا۔
ذوقی کے ناولوں پر Documentation کا الزام بھی لگتا رہا ہے۔ بیان ہو، پوکے مان کی دنیا، یا پھر پروفیسر ایس کی عجیب داستان____ لیکن میرا سوال ہے کہ کیا اس طرح کے ڈکومینٹیشن کے بغیر کوئی بڑا ناول تحریر کیا جا سکتا ہے۔ ذوقی نے سونامی کی زیریں لہروں کے سہارے زندگی کے المیہ کو بھرپور ڈھنگ سے رکھانے کی کوشش کی ہے ____ یہ وہی رنگ ہے جو ہندی ملر، ہیمنگ وے جیسے فنکاروں کے یہاں دیکھنے کو ملتا ہے۔ اگر ذوقی نے سونامی لہروں کے بہانے اس ڈکومینٹیشن کا سہارا نہ لیا ہوتا تو وہ شاید اتنا عظیم ناول نہیں لکھ پاتے۔ میرے خیال میں ایک عرصہ بعد اردو زبان میں ایک بہت بڑے ناول کا اضافہ ہوا ہے۔ اس ناول کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے ____

ذوقی کا نیا ناول ’’ لے سانس بھی آہستہ ‘‘

نور الحسنین

۱۹۸۵؁ ء کے بعد اپنی شناخت بنانے والے قلم کاروں میں مشرف عالم ذوقی کا نام سرِ فہرست ہے۔ جس برق رفتاری سے انھوں نے اپنی افسانہ نگاری،___ تنقید نگاری ،___ اور ناول نگاری کا لوہا منوایا اُس کی مثال ملنا بھی مشکل ہے۔ ان کے نام کے ساتھ کئی افسانوی مجموعے اور ناول ہیں جبکہ اُن کے ہمرکاب ادباء ابھی تک ایک یا دو ناول سے آگے نہیں بڑھے اور بعض نے تو ناول کے فن کو ہاتھ ہی نہیں لگایا
حال ہی میں مشرف عالم ذوقی کا شائع ہونے والا ناول ’’ لے سانس بھی آہستہ ‘‘اُن کے دیگر ناولوں کے مقابلے میں موضوعی اعتبار سے مختلف بھی ہے اور ضخامت کے لحاظ سے بھی بڑا ہے۔ اب تک کے ناولوں میں ذوقی نے بدلتے اقدار، سیاسی جبریت اور انسانی رویوں کی عکاسی کی ہے لیکن اُن کا یہ ناول بدلتے اقدار کے ساتھ ہی ساتھ کس طرح تہذیبیں بھی بدلتی ہیں اور ان بدلتی تہذیبوں سے انسانی زندگی کس قسم کے تغیر سے دوچار ہوئی یا یہ تغیر بدلتے حالات اور مٹتی قدروں کا المیہ ہے یا اِنھیں خود انسان نے پیدا کیا ؟ یا قدرت اُسے کسی کھلونے کے مصداق کھیل رہی ہے یا وہ ہر باران چاہے حالات کے شکنجوں میں پھنس کر خود ہی مجبورو بے بس ہو جاتا ہے۔ ان تمام باتوں کا ذوقی نے نہایت فنکارانہ انداز میں احاطہ کیا ہے۔
ذوقی نے اپنے ناول کے لیے اُتر پردیش کے ایک مقام ’ بلند شہر‘ کا انتخاب کیا ہے۔ دہلی، بلند شہر، میرٹھ، لکھنو وغیرہ یہ وہ مقامات ہیں جن پر جب جب بھی اقتدار کا نظام بدلا وہ متاثر ہوئے۔ دوسرے یہ کہ یہ مقامات مسلمانوں کی تہذیبو تمدن کے اہم مراکز بھی رہے ہیں۔ جہاں تہذیبوں نے آنکھیں بھی کھولیں ، پروان بھی چڑھیں اور نئی تہذیبوں سے ہم آہنگ ہونے کی کوششیں بھی کیں۔
اس مختصر سے مضمون میں ناول کی کہانی کا خلاصہ بیان کرنے سے شعوری طور پر احتیاط برتی گئی ہے تاکہ قاری خود اسے پڑھے اور لطف اُٹھائے۔ ناول کے کردار آزادی ملنے کے ایک گھنٹہ قبل جس تہذیب کے پروردہ تھے ٹھیک ایک گھنٹے کے بعد ہی ایک نئی تہذیب اور بدلتے اقدار کے ہاتھوں کھلونا بن جاتے ہیں اور ایک ایسی تاریخ جس میں ہجرتوں کا سامان بھی تھا، اپنوں سے بچھڑنے کا غم بھی، کچھ سوچے سمجھے منصوبوں کے تحت، اور کچھ محض نعروں کے شور میں بہہ جا رہے تھے۔ قتلو خون کا آگ کا ایک دریا تھا، ٹوٹتی، مٹتی قدریں اور وقت اور اعلیٰ قدروں کے تصادم سے پیدا ہونے والی ایک نئی تہذیب کے کانٹوں بھرے جال کا سامنا بھی تھا۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ وہ لوگ بھی تھے جو نہ تو کسی منصوبے کے دلدادہ تھے اور نا ہی نعروں کے شور میں ہجرتوں کے قائل تھے۔ وہ تو یہیں پر آباد رہے۔ اُن کے لیے بھی ایک نئی تہذیب کا سامنا تھا، بلکہ اُنھیں تو قومیت کے اُس پل صراط سے بھی گزرنا تھا جہاں ان کی حب الوطنی بھی داغدار تصور کر لی گئی تھی۔ آزادی ملی، لیکن اس آزادی نے اُنھیں کیا تحفہ دیا۔۔۔ ؟ مشکوک حب الوطنی۔ اپنے ہی شہر اور اپنے ہی علاقے میں رہتے بستے ہوئے بھی اجنبیت کا احساس، وقت کا جبر، اور اس جبر کا ایک مہیب سنّاٹا، اور اس سنّاٹے میں انسان کسی کٹھ پتلی کی مانند بے آواز اشاروں کے حوالے ہو رہا تھا۔ جیسے کوئی گڈریا بے سمت اپنی بھیڑوں کو ہانک رہا ہو۔ یہ ہانکنے والا کون تھا ؟ وقت ؟ حالات ؟ یا قسمت ؟ آخر کون تھا جو بے منزل ہانکتا چلا جا رہا تھا۔ کبھی حالات سے نبرد آزما ہونے کا حکم دیتا اور کبھی صبر کی تلقین کرتا اور کبھی بے سبب ہی سمجھوتے کروا رہا تھا۔ جرم، سزا، گناہ، ثواب، عذاب، اُصول، قانون، قاعدے ، معاشرتی سماجی بندھن سب اپنے معنی ٰ کھو رہے تھے اور وقت اپنا کام کر رہا تھا، لیکن عمر۔۔۔ ؟ عمر کا چکر تو واپس نہیں گھومتا۔ زندگی کی یہ طویل مسافت کبھی تو یادوں کے ٹھنڈے اندھیروں میں بھٹک بھٹک کر ڈنک مارتی اور کبھی سہانی سجیلی شرارتوں بھری مسکراہٹ بن کر دلوں کے تاروں کو جھنجھناتی رہتی۔ مشرف عالم ذوقی کا یہ ناول اِسی زندگی کے بدلتے اُتار چڑھاؤ، زخم خوردہ احساسات، آرزوؤں ، اُمنگوں ، بد حالیوں ، نئے ہزارے کی برق رفتار بھاگتی دوڑتی زندگیوں ، سائنسی انقلابات، نئی نئی ایجادوں اور انسانی اخلاق و قدروں کی بے دریغ پامالی کی کڑیوں سے گزرتی ہوئی عمل اور ردِ عمل کے میزان پر ایک نئی تہذیب کا عکاس ہے۔ جسے وقت کا جبر کبھی گناہ کا نام دیتا ہے اور کبھی گناہ ایثارو قربانیوں کی سوغات بن کر لوٹتا ہے جسے قبولیت اور عدم قبولیت کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ وہ بس اپنی حقیقت کو تسلیم کروانا ہی جانتا ہے۔
جب ساری تہذیبیں اپنی انتہا کو پہنچ جاتی ہیں اور کوئی اسرار باقی نہیں رہتا تو زندگی پھر ایک بار تہذیب کی پہلی کتاب کی طرف لوٹ آتی ہے ، جہاں جنگل ہو، پہاڑ ہوں ، نہ کوئی قانون ہو نہ کوئی گرفت ہو۔ اسی لیے مشرف عالم ذوقی بھی لکھتے ہیں ،
’’ تہذیب کے یہ صفحے ہم یا تم نے نہیں لکھے۔۔۔ وہ مسکرا رہے تھے۔۔۔ یہ پہاڑ لکھتے ہیں ۔۔۔ یہ وادیاں لکھتی ہیں۔۔۔ نیچر لکھتا ہے۔۔۔ چلو ایک بار پھر نیچر میں گُم ہو جائیں۔۔۔ پہاڑوں میں۔۔۔ ان حسین وادیوں میں۔ نہ ختم ہونے والے پہاڑی سلسلوں میں اور۔۔۔ شاید اسی لیے عمر کے اس آخری دور کے لیے میں نے ان پہاڑوں کا انتخاب کیا ہے۔۔۔ اور تم نے بھی میرے دوست کاردار۔۔۔ تم بھی ان پہاڑوں کا حصّہ بن گئے ہو۔۔۔ ہے نا ؟ (ص۔ ۴۴۰)
ذوقی کا یہ ناول چار نسلوں پر محیط ہے۔ دادا۔۔ جو جاگیردارانہ ماحول اور حویلی کی آن بان اور شان سے بندھا ہوا ہے۔ اُن کا بیٹا وسیع الرحمان کاردار جو ملک کی آزادی کا سپاہی بھی ہے اور گاندھی جو کا ہمنوا ہے۔ آزادی اور آزادی کے بعد کے ماحول کی نعمتوں کا خواب دیکھنے والا ہے۔ اور وسیع الرحمان کاردار کا بیٹا عبدالرحمان کاردار جو آزادی کے بعد پیدا ہونے والی تہذیب کے بدلتے تیور کو بھوگنے والا ہے۔ ساتھ ہی اس ناول میں نظر محمد، نور محمد، عبدالرحمان کی والدہ، پروفیسر نیلے ، سُفیان ماموں ، مولوی محفوظ، سُفیان ماموں کی دوسری بیوی، اور عبدالرحمان کاردار کی بیوی رُقیہ۔ ان کے علاوہ اور بھی چھوٹے بڑے مختصر بہت سے کردار ہیں۔ اِن کرداروں کی اپنی ایک نفسیات بھی ہے۔ اُن کے اپنے نظریات بھی ہیں۔ ذوقی نے ایک مشّاق ناول نگار کی طرح اپنے ہر کردار کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ اس سفر میں اکثر جگہ اُن کا قلم بے باک بھی ہوا بے خوف بھی چلا اور اُس حقیقت کو اُجاگر کرنے میں کامیاب بھی ہوا جس کے جبر سے سبھی واقف تھے لیکن جس کے اسرار کی زبان بننے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔ مثلاً ملک کی آزادی اور اس کے بعد پیدا ہونے والی نئی تہذیب کے درمیان اُبھرنے والے شکوک اور خوابوں کا ٹکراؤ، باپ اور بیٹے کے درمیان کس طرح مکالمہ بنتا ہے اُس کی سچائیاں ملاحظہ فرمائیں۔
’’ سب چھوٹے ، بڑے ہو جائیں گے۔ جو کل تک ہمارے سامنے کھڑے ہونے کی ہمت نہیں کرتے تھے۔ دیکھو آج کیسے سینہ تان کر چل رہے ہیں۔ یہی آزادی کی سوغات ہے ؟ جس نے چھوٹے بڑوں کے فرق ہی کو ختم کر دیا۔۔۔ اس آہٹ کو سنو، وسیع، ورنہ یہ بُرا وقت تمھیں نگل جائے گا ‘‘ ابّا قرآن اور حدیث لے کر بیٹھ جاتے۔۔۔ ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمودو ایاز۔ ۔۔ کہاں ہے کوئی چھوٹا بڑا ؟ جو محنت کریگا۔ فصل اُسی کی ہے۔ ‘‘
’’کر سکو گے محنت۔۔۔ ؟ ‘‘
’’ کیوں نہیں۔۔۔ ! ‘‘
’’ سوچ لو۔۔۔ اسی جاگیردارانہ نظام میں پلے بڑھے ہو۔ سونے کا چمچہ لے کر۔ ‘‘
’’ اب اس چمچے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ‘‘
’’ کہنا آسان ہے۔۔۔ کرنا مشکل ہے۔ ‘‘
’’ پرانی یادیں بھولی نہیں جاتیں۔۔۔ نئے مسائل بہت دکھ دیتے ہیں۔ ٹھہر ٹھہر کر پرانی یادیں چوٹ پہنچاتی رہیں گی۔ ‘‘
’’ دیکھا جائے گا۔ ‘‘
’’ حکومت کرنے والے رہے ہو۔۔۔ ابھی بھی کون سی حکومت چلی گئی۔ گھر میں یہ حکومت اب بھی ہے۔ نوکر چاکر۔۔۔ پانی بھرنے والا بھشتی۔ کتنے خاندان ہیں جو اس کاردار گھرانے سے وابستہ رہے۔ ہم نے اُنھیں بھر بھر جھولیاں خیرات بانٹیں۔ ‘‘
’’ خیرات نہیں۔۔۔ محنت کی کمائی۔ ‘‘
’’ یہ تمہاری سمجھ پر منحصر ہے۔ میرے لیے یہ خیرات۔۔۔ جو آیا خالی ہاتھ نہیں گیا۔۔۔ ہم دینے والے ہاتھ رہے ہیں۔ ‘‘
ملک آزاد ہوا اور پھر تقسیم بھی ہو گیا۔ دنیا کے نقشے پر ایک نیا ملک پاکستان آباد ہو گیا لیکن یہ پاکستان نہ تو وہاں جانے والے مہاجرین کا خو اب ثابت ہوا اور نا ہی یہاں رہنے والے مسلمانوں کے لیے وجہ رحمت بن سکا۔ اُلٹا یہاں کی مٹی سے جڑے رہنے والوں کے لیے ان کی اپنی حب الوطنی کو بھی مشکوک کر گیا۔ ناول کا یہ حصّہ بہت ہی جاندار ہے۔ تقسیمِ ملک اور ہجرتوں کے کرب پر اُردو کے عظیم ادیبوں نے ناول اور افسانے بھی لکھے لیکن ذوقی نے اپنے اس ناول میں جس سچائی کا اظہار کیا ہے وہ نہ تو انتظار حسین کے پاس ہے نا ہی قاضی عبدالستار کی ناولوں کا حصّہ بن سکا اور نا ہی ناول ’ میرے بھی صنم خانے ‘ میں اس آنے والے عذاب کی نشان دہی ملتی ہے۔ کیونکہ ان کے سارے ناول تقسیم کے فسادات اور ہجرتوں کے کرب ہی پر ختم ہو گئے۔ ذوقی نے تقسیم کے بعد بچے ہوئے ہندوستانی مسلمانوں کی فکر اور سوچ کو بھی اُجاگر کیا ہے اور اُن حالات کی بھی عکاسی کی ہے جو بعد کے آنے والے زمانے میں ظاہر ہوئے ہیں۔ ناول کے کردار ’دادا حضرت‘ کی زبانی اس احساس کو کس طرح گرفت کیا گیا ہے۔ ملاحظہ فرمائیں ،
’’ یہ سوچ سوچ کر دل ڈرتا ہے کہ آنے والے وقتوں میں بار بار تمہیں تقسیم کے نام پر شرمندہ ہونا پڑے گا۔ تمہیں بار بار اپنی صفائی دینی ہو گی اور اس طرح یہ ملک۔ یہ خطہ یہ زمین تمہاری ہو کر بھی تمہاری نہیں ہو گی۔ اور کتنی عجیب بات ہے۔ اپنے ملک کو اپنا ملک کہنے کے لیے بھی تم صفائی دو گے۔ اور اسی صفائی میں تمہاری عمر نکل جائے گی ‘‘
یہ پیراگراف آج بھی اپنی معنویت اُسی طرح رکھتا ہے۔ ۱۹۴۷ ؁ ء سے۲۰۱۱؁ ء آگیا لیکن ابھی تک مسلمان نہ تقسیم کے طنز سے اُبھر سکے اور نا ہی اُن کی وفاداریاں شکوک سے بالاتر ہو سکیں۔
مشرف عالم ذوقی نے اپنے اس ناول میں جاگیردارانہ نظام کے ٹوٹنے کے بعد جس طرح اشرافیہ طبقے کی وضع داریاں مجروح ہوئیں اور کس طرح بدلتی تہذیب نے انھیں ان کی روایات سے باہر نکلنے پر مجبور کیا اس کا احوال ناول کے اس منظر میں دیکھیے ،
’’ اماں میرا ہاتھ تھام کر بجلی کی طرح کوتوالی کے اندر داخل ہو گئیں تھیں۔ میں نے زندگی میں اماں کو اس طرح کبھی کسی رشتہ دار کے یہاں بھی جاتے ہوئے نہیں دیکھا تھا۔ بازار یا مارکیٹ تو دور کی چیز ہے۔ کاردار خاندان ہی نہیں ، بلکہ اس وقت محلے کی زیادہ تر عورتیں سخت پردے میں رہتی تھیں۔۔۔ ایسا نہیں ہے کہ پردہ کی یہ بندش مر دوں کی طرف سے تھی۔ شاید روایت اور تہذیبیں خود ہی اُنہیں چہار دیواری کی قیدی بنا کر رکھتی ہیں۔ مگر آج اماں نے پردہ اُتار پھینکا تھا ۔۔۔ اور یہ میری نظر میں بدلتے ہوئے وقت پر نگاڑے کی پہلی چوٹ تھی۔
شہر میں ہزار طرح کی چوریاں ، ڈکیتیاں وارداتیں ہوتی ہیں۔ وہاں تو کبھی آپ وقت پر نہیں پہنچتے۔ دنگے اور فساد ہو جاتے ہیں۔ محلے شیخان میں خون ہو جاتا ہے۔ ڈکیتی پڑجاتی ہے رات میں سرِ راہ اسٹیشن سے نکلتے ہوئے کسی کو لوٹ لیا جاتا ہے۔ آپ کیا صرف وہیں پہنچتے ہیں۔ ۔۔۔۔جہاں شریف، عزت دار اور خاندانی لوگ رہتے ہیں۔ جن کی شان میں ذراسی گستاخی ہو جائے تو اُن کا دم نکل جاتا ہے۔ گھر کی کوئی بات افواہ بن کر باہر اُڑ جائے تو وہ جان دینے کو ۔۔۔۔تیار ہو جاتے ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ ایک شریف گھر میں پولس کا آنا کسی خاندانی آدمی کے لیے کیا معنیٰ رکھتا ہے۔ جس نے خبر کی۔ اُس سے یہ پوچھنا آپ نے واجب نہیں سمجھا کہ اس خبر میں کتنی صداقت ہے۔ یہ وہ آدمی جو خبر دینے آیا ہے وہ کتنا سچا اور مخلص ہے۔ بس اس نے بتایا اور آپ ایک شریف انسان کو پریشان کرنے پہنچ گئے ؟ ‘‘
آزادی کے بعد ایک طرف رشوت خور طبقہ اشرافیہ کو تنگ کر رہا تھا تو دوسری طرف جاگیرداروں اور زمینداروں کے آمدنی کے تمام ذرائع ختم کر دیے گئے تھے۔ خاندانی وقار اور عزت و ناموس نے اُن جاگیرداروں کو چھوٹے موٹے پیشے ، یا ملازمتوں کے دوڑ میں شامل ہونے سے بھی دور رکھا تھا۔ جس کے نتیجے میں ایسے خاندان جس طرح کی توہم پرستی کے شکار ہوئے۔ اُس کی نہایت خوبصورت بلکہ تفصیلاً منظر کشی ذوقی نے کی ہے۔۔
ناول میں عشق و محبت کی معصوم داستان بھی ہے بلکہ ایک ایسا مثلث قائم کیا گیا ہے جس میں عبدالرحمان کاردار، نادرہ، اور نور محمد شامل ہیں۔ نادرہ، عبدالرحمان کے ماموں سُفیان کی اکلوتی دختر ہے۔ اس کی والدہ کا انتقال ہو چکا ہے۔ وہ اپنے والد کے ساتھ پاکستان سے ہندوستان ہمیشہ کے لیے لوٹ آئی ہے۔ کاردار خاندان کی حویلی ہی میں رہتی ہے۔ یہاں عبدالرحمان اور اس کے درمیان محبت کا کھیل شروع ہو جاتا ہے۔ بلند حویلی کے مقابل ہی نور محمد کی دیوڑھی ہے۔ اس کی بھی والدہ کا انتقال ہو جاتا ہے۔ یوں نادرہ کا اس سے تعارف ہو جاتا ہے اور اس ہمدردی کو رحمان محبت سمجھ بیٹھتا ہے اور نادرہ سے دور ہو جاتا ہے لیکن اس کے سینے میں یہ محبت ہمیشہ باقی رہتی ہے۔ نادرہ کی شادی نور محمد سے ہو جاتی ہے۔ ذوقی نے عبدالرحمان کے مقابل نور محمد کا کردار تراشا ہے۔ عبدالرحمان اگرچہ ناول کا مرکزی کردار ہے لیکن نور محمد کا کردار زیادہ پیچیدہ زیادہ متحرک اور زیادہ مشکل کردار ہے۔ قُربانیاں اس کا نصیب ہے۔ محبت کے ہر کڑے امتحان میں وہ پورا اُترتا ہے۔ وہ نہ صرف ایک بے مثال شوہر ہے بلکہ ایک نہایت محبت کرنے وا لا باپ بھی ہے۔ نادرہ کی بیماری، پھر موت اور نادرہ کی ابنارمل abnormal) (بیٹی نگار کی جس طرح پرورش کرتا ہے اور اس کی خواہشات کی خاطر اپنا دین، ایمان، اخلاقی کردار، منصب سب کچھ قربان کر دیتا ہے۔ اُس کی یہ قربانیاں اُسے تا حیات بے چین رکھتی ہیں۔ یہاں میں جان بوجھ کر اُس کی قربانیوں کا خلاصہ نہیں لکھ رہا ہوں تاکہ قاری خود اس ناول کا مطالعہ کرے اور فیصلہ کرے کہ ناول کا سب سے اہم کردار کون ہے۔
عبدالرحمان کاردار کا کردار ایک نہایت سلجھے ہوئے انسان کا کردار ہے۔ وہ زندگی سے جڑا ہوا بھی ہے۔ بیوی اور محبوبہ کے ساتھ انصاف کرنا بھی جانتا ہے۔ وہ بدلتی قدروں اور نئی تہذیب کا آشنا ہی نہیں بلکہ اپنے آپ کو اس کے ہمرکاب بھی رکھتا ہے۔ نادرہ کو کھونے کے بعد وہ رُقیہ سے شادی کرتا ہے اور ایک اچھے شوہر ہونے کا مظاہرہ بھی کرتا ہے۔ اسے ایک لڑکا شان الرحمان بھی ہے اور وہ اس کے ساتھ نئے دور کے تقاضوں کو بھی سمجھتا ہے۔
ناول میں زندگی کے اُتار چڑھاؤ، کرداروں کی نفسیاتی جذباتی کشمکش، منظر نگاری، جذبات نگاری، مکالمہ سب کچھ بہت ہی لاجواب ہے۔ ناول کی زبان اپنے موضوع کے ساتھ انصاف کرتی ہے۔ ناول میں فلش بیک اور فلش فارورڈ کی تکنیک کا نہایت خوبصورت استعمال ہوا ہے۔ اسلوب میں ایک کشش ہے جس کی وجہ سے مطالعاتی وصف پیدا ہو گیا ہے۔
ذوقی کا یہ ناول اپنے عہد سے کم از کم پچاس برس آگے کا ناول ہے۔ ممکن ہے اس ناول کے پلاٹ اور اس کے ذیلی واقعات اور نور محمد کے کردار کو لے کر اعتراضات بھی ہوں کہ موجودہ دور میں اس قسم کے واقعات کی کھتونی لاکھوں میں ایک ہو گی، لیکن جس برق رفتاری سے انٹرنیٹ کلچر آج برِ صغیر میں پھیل رہا ہے اس کے اثرات کیا ہوں گے ہم اگرچہ محسوس کر رہے ہیں لیکن شاید زبان اقرار کی اجازت نہیں دے رہی ہو۔۔۔۔ لیکن کیا آنے والا وقت اس نئی تہذیب اور اس کلچر سے ہمیں محفوظ رکھ سکے گا۔۔۔ ؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جو اس ناول کی زیریں لہروں سے اُبھر کر ہمارے سامنے آیا ہے جس پر ہم سب کو نہایت سنجیدگی سے غور کرنا ہے۔
٭٭٭

مشرف عالم ذوقی کا ناول ’لے سانس بھی آہستہ‘ — ایک جائزہ

ایم مبین

انسان ایک سماجی جانور ہے ، اور سماج میں جینے کے لیے اسے روزانہ سینکڑوں امتحانوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس کے گرد، اخلاق، تہذیب اور رشتوں کے کئی دائرے ہیں جن کی حدوں کو پار کرنے کی کوشش اس کے لیے ممنوع ہے۔ ان حدود کو پار کرنے کی کوشش کرنے والوں پر ہزاروں پہرے بٹھا دیے جاتے ہیں اور جو پار کرنے کی جسارت کرتا ہے وہ اپنا سماج میں مقام کھو دیتا ہے۔
ادب اور ادیب کا کام ہی سماج کی عکاسی کرنا ہوتا ہے اس بات کا ہر کوئی اعتراف کرتا ہے کہ ادب سماج کا آئینہ ہوتا ہے۔ ادیب سماج کی تاریک پہلوؤں پر روشنی ڈال کر اسے بے نقاب کرنے کی کوشش کرتا ہے اور سماج اور معاشرے کی بے جا بندشوں کے خلاف اپنے قلم سے احتجاج کرنے کا کام بھی لیتا ہے۔
لیکن اس کے باوجود ہمارے سماج میں آج بھی کچھ اتنی سفاک سچائیاں ہیں جن کو اجاگر کرنے کی جرأت بڑے سے بڑا ادیب اور قلم کار نہیں کر پاتا ہے۔ کیونکہ اس کے قلم کو اخلاقیات کی زنجیروں نے قید کر رکھا ہے — اسے سماج کا خوف ہے۔ اس کا قلم آزاد ہو کر بھی آزاد نہیں ہے۔ جہاں تک اردو کے قلم کاروں کا تعلق ہے — اردو کے قلم کاروں پر کچھ زیادہ ہی پابندیاں ہیں اور ان کا قلم کئی طرح کے دباؤ ہمیشہ برداشت کر لیتا ہے۔
Bold writing کا تصور آج بھی اردو میں عنقا ہے۔ ماضی میں منٹو جیسے ادیبوں نے جب اپنے قلم کو ذرا سا Bold کر کے سماج کے گھناؤنے ، چہروں کو اپنی تحریروں میں پیش کرنے کی کوشش کی تو ان کا کیا حشر ہوا، ہر کوئی جانتا ہے۔ وہ آج سے ۶۰۔ ۵۰ سال قبل کی بات تھی لیکن آج بھی اردو کے ادیبوں پر وہی پابندیاں ہیں۔ اور منٹو کے بعد کوئی بھی ادیب Bold writer ہونے کی سعادت حاصل نہیں کر سکا اور سچائی تو یہ ہے کہ منٹو کے بعد کسی ادیب پر فحش نگاری کا الزام بھی نہیں لگ سکا (واجدہ تبسم اسی زمرے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھیں )
مشرف عالم ذوقی کا ناول ’لے سانس بھی آہستہ‘ پڑھتے ہوئے قارئین ایک گہرے سناٹے میں آ جاتا ہے۔ اس کا ذہن سائیں سائیں کرنے لگتا ہے — اس کے اندر ایک عجیب سی بے چینی چھا جاتی ہے اور اس کے ذہن میں اس ناول میں بیان کر دہ واقعات، اس ناول کے کردار، اس ناول کے جملے ، سطور ایک آندھی کی طرح اٹھ کر اس کی سوچوں کو تہس نہس کر جاتے ہیں۔
ذوقی عصری ادیبوں میں اس لحاظ سے اپنا ایک منفرد مقام رکھتے ہیں کہ انہوں نے اردو ادب کے روایتی موضوعات پر قلم اٹھانے کے بجائے ہمیشہ سے نئے موضوعات کا انتخاب کیا ہے۔ ایسے موضوعات جن کو آج تک اردو کے دوسرے ادیب نہ چھو پائے اور نہ کسی نے ان موضوعات پر قلم اٹھانے کی جسارت کی۔
اس کی وجہ ذوقی کا اردو کے ساتھ ساتھ ہندی زبان میں باقاعدگی سے لکھنا بھی ہے اور ان کا عمیق مطالعہ بھی ہے — اردو کے ساتھ ساتھ وہ ہندی ادب کا تو مطالعہ ہی کرتے ہیں — ساتھ ہی عالمی اور کلاسیکی ادب سے بھی اچھی واقفیت رکھتے ہیں۔ ان کے پاس ایک حساس دل اور وسیع ذہن ہے۔ جو نہ صرف اپنے گرد بلکہ دنیا کے ہر کونے میں واقع ہونے والی تبدیلی کو محسوس کرتا ہے — اس کے اثرات کا اندازہ لگاتا ہے۔ اپنے اطراف اور دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرتا ہے۔ زمانہ کی رفتار کے ساتھ چلتے ہوئے ان تبدیلیوں کو فراخ دلی سے قبول کرتا ہے۔ لیکن ان کے حساس دل میں اپنی پرانی قدروں کے لیے بھی کا ایک خاص مقام اور عزت ہے وہ ان اقدار کی نہ صرف حفاظت کرتے ہیں بلکہ ان پر ہونے والے ہلکے سے وار کے خلاف بھی نہ صرف احتجاج کرتے ہیں بلکہ ان حملوں سے معاشرے میں رونما ہونے والی تباہ کاریوں سے عوام کو مطلع کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں — اسی لیے ان کے افسانوں اور ناولوں میں ہمیں موضوعات کی وہ ندرت دیکھنے کو ملتی ہے جو دیگر ادیبوں میں نہیں ہے۔
ذوقی نے ہمیشہ سماج کے ان گھناؤنے چہروں کو اپنی تحریروں میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے ان کا گزشتہ ناول ’پو کے مان کی دنیا‘ کا پس منظر بھی یہی تھا۔ اور انہوں نے اس ناول میں معاشرے اور دنیا میں ہونے والی ان تبدیلیوں کی عکاسی کرنے کی کوشش کی تھی جو ہماری قدروں کو پامال کر رہی تھیں — ان پر ضرب لگا رہی تھی۔
’لے سانس بھی آہستہ‘ کا موضوع ہمارے معاشرے سے متعلق ہے لیکن اس ناول میں انہوں نے جو موضوع پیش کیا ہے۔ وہ ایک شجر ممنوعہ سا ہے۔ لیکن یہ ایک اتنی سفاک حقیقت ہے کہ دنیا میں اخلاقیات کی تبلیغ کرنے والا بڑے سے بڑا مبلغ بھی نہ تو اس کی حقیقت سے انکار کر سکتا ہے اور نہ اس حقیقت سے آنکھیں چرا سکتا ہے۔
ذوقی نے ایک سفاک سچائی کو اپنا موضوع بنایا ہے جو اتنا Bold ہے کہ مجھے ڈر لگتا ہے۔ جب اس ناول کے بارے میں بحث ہو گی اور اس کے موضوع کا پتہ اخلاقیات کے علمبرداروں کو چلے گا تو اس کے خلاف احتجاج کا ایک ایسا طوفان اٹھے گا جو شاید منٹو کے ساتھ پیش آئے واقعات کو بھی فراموش کر دے۔ اس ناول پر پابندی لگانے کی مانگ کی جائے گی ذوقی پر رکیک حملے بھی ہو سکتے ہیں —
لیکن سچائی یہ ہے کہ ذوقی نے ایک سچے ادیب کا کردار نبھا کر ایک بڑی سچائی کو اپنے اس ناول میں ذمہ داری کے ساتھ پیش کیا ہے۔ ایک ایسی سچائی جس کی حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ اخلاقیات کے علمبردار چاہے اس موضوع کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں لیکن وہ اس بات سے انکار نہیں کر سکتے کہ اس طرح کے واقعات ہمارے دقیانوسی معاشرے میں ہی وقوع پذیر ہوتے رہے ہیں۔
ذوقی نے اس سفاک حقیقت کو پیش کرنے کے لیے جس طرح کہانی کا تانا بانا بنا ہے اور جس طرح کے واقعات اور جن کرداروں کے سہارے اس کہانی کو آگے بڑھا کر پیش کیا ہے۔ اس کو پڑھتے ہوئے ذہن سائیں سائیں تو کرنے ہی لگتا ہے لیکن کہیں بھی ان واقعات یا کرداروں کے لیے قارئین کے ذہن میں نفرت کا جذبہ نہیں جاگتا ہے۔ بلکہ اس ناول کے کرداروں سے ہمدردی محسوس ہونے لگتی ہے۔ یہاں تک اسے اس ناول کے اخلاقیات کے معیار پر شیطان دیکھنے والے کردار بھی معصوم فرشتے کی طرح محسوس ہوتے ہیں۔
اس ناول کا کینوس بہت وسیع ہے۔
۱۹۴۷ء کی آزادی، نصف شب سے ایک گھنٹہ قبل آنکھ کھولنے والے انسان عبدالرحمن کاردار کی یہ کہانی ہے۔ جو ۱۹۴۷ء سے لیکر اس صدی کے آخری دہائی تک پھیلی ہوتی ہے۔
اس طرح ذوقی نے آزاد ہندستان کی مکمل تاریخ کا اس ناول میں احاطہ کیا ہے لیکن انہوں نے اس ناول میں آزاد ہندستان کی تاریخ بیان کرنے کے بجائے اکے دکے واقعات بیان کر کے ہندستان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور انقلابات کی ہلکی سی جھلک ہی اس ناول میں پیش کی ہے۔ اس طرح ناول اپنے موضوع سے بھٹک نہیں پایا ہے۔
ناول میں ذوقی نے فلیش بیک تکنیک کا خوبصورتی سے استعمال کیا ہے۔ اس ناول کا آغاز پہاڑوں میں آ کر آباد ہوئے بوڑھے عبدالرحمن کاردار کی کہانی سے ہوتا ہے جو اسے بار بار ماضی میں لے کر جاتی ہے اور ماضی کے واقعات اس کہانی کو آگے بڑھاتے ہیں جو اس ناول کا اصل موضوع ہے — اس طرح ذوقی نے اس پورے ناول میں ایک تجسس کی فضا بنا رکھی ہے۔ اور یہ ناول کی خصوصیت بھی ہے اس میں تجسس کی فضا آخر تک قائم رہتی ہے۔ اور یہی تجسس قارئین کو آخر تک ناول پڑھنے کے لیے مجبور کر دیتا ہے۔
ناول کا ابتدائی حصہ۔ آزادی کے بعد بلند شہر میں آباد عبدالرحمن کی کہانی ہے کہانی میں آزادی، قیام پاکستان، آزاد ہندستان میں مسلمانوں کا مقام، آزادی کے بعد مسلمانوں کو درپیش مسائل سے گزرتے ہوئے کہانی آگے بڑھتی ہے۔ اور اس کے بعد کہانی میں نور محمد کا ایک کردار نمودار ہوتا ہے جو عبدالرحمن کا پڑوسی ہے اور دوست بھی ہے۔ شروع شروع میں یہ کردار ایک غیر اہم کردار محسوس ہوتا ہے اور اس کہانی میں اس کردار کی اہمیت ثانوی محسوس ہوتی ہے۔ لیکن جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے نور محمد کا کردار کہانی پر حاوی ہوتا جاتا ہے اور ناول کا اہم اور مرکزی کردار بنتا جاتا ہے — اور ناول کا مرکزی کردار رحمن ثانوی کردار بن کر حاشیہ پر ہوتا جاتا ہے۔
جب ناول میں نادرہ کا کردار نمودار ہوتا ہے تو ناول ایک رومانی ناول بن جاتا ہے لیکن بہت جلد ناول ایک رومانی مثلث کی شکل اختیار کر لیتا ہے جب نادرہ نور محمد اور نور محمد نادرہ میں دلچسپی لیتا ہے۔ اور رحمن کی شادی ہو جاتی ہے اس رومانی مثلث کی کہانی سے قبل ناول میں ایک خزانہ کی تلاش کا ذکر ہے جو کافی طوالت اختیار کر گیا ہے اس کی وجہ سے ناول میں کہانی کا بہاؤ تھوڑا سا متاثر ہوتا ہے۔ اور کہیں کہیں پر اس کا ذکر اور اس کی جزئیات قارئین کو غیر ضروری بھی محسوس ہوتی ہے۔
کہانی میں ڈرامائی موڑ اسی وقت نمودار ہوتا ہے جب ناول میں نگار کا کردار آتا ہے۔ اور دراصل اس ناول کی شروعات ہی نگار کے کردار سے ہوتی ہے اور جیسے جیسے اس کردار کے ساتھ ناول آگے بڑھتا ہے ناول میں قارئین کو وہ تمام خوبیاں اور خصوصیات نظر آنے لگتی ہیں جن کا مندرجہ بالا سطور میں ذکر کیا چکا ہے۔
بلکہ کبھی کبھی تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نگار کا کردار ہی اس ناول کا مرکزی کردار ہے اس سے قبل کے ، ناول کے تمام کردار، واقعات جزئیات بے معنی ہے۔ اصل کہانی اور اس ناول سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ لیکن دراصل جس طرح ایک بلند و بالا عمارت تعمیر کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد کی ضرورت ہوتی ہے مشرف عالم ذوقی نے بھی اس ناول کی اس چونکا دینے والی کہانی اور اس میں آنے والے چونکا دینے والے موڑ کے لیے ان جزئیات کی ایک مضبوط بنیاد رکھی ہے بھلے ہی ان جزئیات سے ناول کا Flow متاثر ہوتا ہے لیکن آگے وہی جزئیات کہانی کو ایک حقیقی اور متاثر کن کہانی بنانے میں مدد کرتے ہیں۔
نگار ایک abnorrmalپیدا ہوئی لڑکی ہے جو پیدا ہونے کے بعد مسلسل روتی رہتی ہے — دراصل وہ ایک بیماری کی شکار ہے جو لاکھوں کروڑوں انسانوں میں سے کچھ انسانوں کو ہوتی ہے — یعنی مسلسل رونے کی بیماری — اب ان کی حیات کتنی مختصر یا طویل ہو سکتی ہے اس کے بارے میں وثوق سے نہیں کہا جا سکتا ہے۔
کہانی میں نور محمد کا کردار ایک شریف النفس انسان کا کردار محسوس ہوتا ہے جو اپنی بیوی نادرہ کو ٹوٹ کر چاہتا ہے اور اپنی ابنارمل بیٹی کو بھی ٹوٹ کر چاہتا ہے۔ اور اس وقت تو نور محمد کا کردار ایک مثالی کردار بن جاتا ہے جب اس کی بیوی نادرہ کا انتقال ہو جاتا ہے اور اسے اپنی ابنارمل بیٹی نگار کی دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے۔ ذوقی نے نگار کی بیماری کے متعلق جو میڈیکل سائنس کے حوالے دیئے ہیں ان کو پڑھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ ذوقی نے اس ایک کردار نگار کی تخلیق کے لیے کتنی محنت کی ہے۔ نگار کے کردار اس کی زندگی کو قارئین کے ذہن میں صحیح طور پر واضح کرنے کے لیے جو میڈیکل شواہد بیان کئے ہیں ان کی وجہ سے قارئین کو نگار کا کردار ایک حقیقی جیتا جاگتا کردار محسوس ہونے لگتا ہے اور قارئین کو محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کسی حقیقی جیتی جاگتی نگار کی داستان پڑھ رہے ہیں یا پھر اس کی زندگی کے واقعات اور اس کے لیے اس کے والد نور محمد کے احساسات، جذبات، والہانہ محبت کو کسی فلم کے پردے پر دیکھ رہے ہیں۔
اور پھر کہانی میں وہ سفاک موڑ آتا ہے جس کو پڑھ کر قارئین نہ صرف دہل جاتا ہے بلکہ اس کا وجود دہکتا ہوا انگارہ بن جاتا ہے اور وہ ایک گہری سوچ میں ڈوب جاتا ہے۔ کیونکہ وہ موڑ ایسا ہے جسے کوئی بھی اخلاقی قدروں کی پاسداری رکھنے والا انسان قبول نہیں کر سکتا۔
مشرف عالم ذوقی نے اخلاقی قدروں کی پامالی کی ایک ایسی گھناؤنی تصویر پیش کی ہے جس کو کوئی بھی ذی شعور شخص نہ تو دیکھنا چاہے گا نہ اس کے بارے میں سننا چاہے گا۔
لیکن ذوقی نے اس خوبصورتی سے اس کہانی کے تانے بانے بنے ہیں اور حقائق کی اتنی چابکدستی سے عکاسی کی ہے کہ اس ناول کے شیطان نما کردار بھی فرشتے کی طرح معصوم محسوس ہونے لگتے ہیں۔ یہ ذوقی کے فن اور قلم کی بڑی حد تک کامیابی ہے۔ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں یہ ناول اردو ادب میں ہنگامہ بپا کرے گا — کیونکہ میں سمجھتا ہو اس صدی میں لکھا جانے والا یہ اردو کا سب سے بولڈ ناول ہے۔ اور ایسے بولڈ موضوعات کو آج بھی ہمارا معاشرہ قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔
مشرف عالم ذوقی نے جس بیباکی سے اس ناول کو تحریر کیا ہے اور اس خطرناک موضوع کو اس ناول میں سمویا ہے شاید ہی کوئی ادیب اس موضوع پر قلم اٹھانے کی جرأت کرے یا پھر اپنے فن کا اتنا فنکارانہ مظاہرہ کر کے اس بیباک موضوع پر قلم اٹھائے۔
ذوقی نے نور محمد اور نگار کے کرداروں کو تراشنے میں جس فنکاری کا مظاہرہ کیا ہے یہ ان کے ایک اچھے قلمکار ہونے کا ثبوت ہے۔ ذوقی نے جو واقعات اپنے اس ناول میں بیان کئے ہیں وہ کوئی غیر معمولی واقعات بھی نہیں ہیں اس طرح کے واقعات ہمارے اطراف میں ہوتے رہتے ہیں۔ اور جدید معاشرہ اور نئی فکر کے تناظر میں انہوں نے ان واقعات کی وجوہات پر جو روشنی ڈالی ہے۔ ان کی حقیقت سے بھی کوئی انکار نہیں کر سکتا ہے۔
ذوقی نے ان واقعات کی نہ تو ممانعت کی ہے اور نہ ہی ان کی حمایت میں قلم اٹھا کر موافقت کی ہے لیکن انہوں نے ایک ادیب ہونے کا حق اس طرح ادا کر دیا ہے کہ جس موضوع پرآج تک قلم نہیں اٹھایا جا سکا ذوقی نے بڑی بیباکی سے اس موضوع پر قلم اٹھایا ہے۔
اس بیباکی پر ذوقی اور ان کے قلم کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔
مجموعی طور پر ناول میں تہذیبوں کے تصادم کا مسئلہ اٹھایا گیا ہے جو ایک بڑا نازک مسئلہ ہے — قلم کی ذرا سی جنبش بھی مسائل اور ہنگامہ کھڑا کر سکتی ہے۔ ذوقی اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں — اس لیے انہوں نے اس ناول میں جگہ جگہ علامتوں کا سہارا لیا ہے اور کہیں کہیں تو ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اس ناول کے سارے کردار علامتی ہیں۔ جیسے نور محمد کا کردار ایک خالص مشرقی ذہن رکھنے والا کردار ہے۔ لیکن اس کو اپنی مشرقی روایتوں کا چولا اتارنے کے لیے حالات مجبور کر دیتے ہیں — اس طرح نگار کا کردار بھی ایک علامتی کردار محسوس ہوتا ہے — اس کی پیدائش بابری مسجد کی شہادت کے بعد ہوتی ہے۔ جیسے ذوقی کہنا چاہ رہے ہیں ، اب ایک نئی تہذیب کا جنم ہوا ہے۔ اس کا رونا شاید ہماری صدیوں کی تہذیب کے خاتمہ پر ماتم کی علامت محسوس ہوتا ہے۔ شاید اسی لیے ذوقی نے واقعات کے ساتھ تاریخی حوالوں کو بھی سامنے رکھا ہے۔ ان حوالوں سے ایک نئی دنیا ہمارے سانے آتی ہے۔ ذوقی تہذیبوں کے ختم ہونے کا ماتم نہیں کرتے۔ کیونکہ وہ جانتے ہیں جہاں ایک تہذیب ختم ہوتی ہے ، وہیں سے ایک دوسری تہذیب کا جنم ہوتا ہے۔ ہر نفس نو می شود دنیا و ما۔ اس لیے گاؤں کے نور محمد سے مل کر جب عبدالرحمن ایک نئی تہذیب کا عکس دیکھتے ہیں تو عبدالرحمن کاردار کو کہنا پڑتا ہے ’’دنیا کے سارے رشتے اپنے ہیں اور ہر رشتے میں ایک احساس سانس لے رہا ہے۔ کچھ رشتوں کی تعریف ہم انسانوں نے ہی گڑھی ہے۔ اور کبھی قدرت اس تعریف کو ایک تجربے کے تحت الٹ دیتی ہے۔ تہذیبیں اپنی عمارت کا بوجھ خود اٹھاتی ہیں۔ ‘‘
موضوع و فکر کے لحاظ سے لے سانس بھی آہستہ ایک غیر معمولی اور بولڈ ناول ہے۔ یہ ناول ان لوگوں کو ضرور پڑھنا چاہئے، جو آج بھی اس بات کا دعویٰ کرتے ہیں کہ قرۃ العین حیدر کے بعد اردو میں بڑا ناول نہیں لکھا گیا — اردو ناولوں کی قطار میں یہ ناول ایک ٹرننگ پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔
٭٭٭

مشرف عالم ذوقی: اپنے نئے ناول ’’لے سانس بھی آہستہ‘‘ کی روشنی میں

ناظم خلیلی
جس طرح انگریزی ادب شکسپیئر، برنارڈ شا، چارلس ڈکنس، ڈبلیو بی ایٹس، ٹی ایس ایلیٹ، اذرا پاؤنڈ، ورجینا وولف اور آ سکر وائلڈ سے بھرا پڑا ہے ، اسی طرح فرانسیسی ادب، روسی ادب اور امریکی ادب وکڑہیوگو، چارلس ڈیگال، رومیں رولاں ، ایمبل زولا، میگزم گورکی، کاؤنٹ لیؤتا لستائی، اینٹن چیخونف، دوستوفسکی، الیگزینڈر سولنٹین، وغیرہ سے بھرا پڑا ہے۔ قدیم و جدید انگریزی ادب میں ہندستانی یا ہندستانی نژاد یا پھر پاکستانی قلمکاروں کے جو نام آتے ہیں ان میں آر کے نارائن، ملک راج آنند، سروجنی نائیڈو، رابندر ناتھ ٹیگور، خشونت سنگھ، خواجہ احمد عباس، منوہر ملگاونکر، وی ایس نائپال، سلمان رشدی، تسلیمہ نسرین، امیتابھ گھوش، محمد حنیف، ارون دھتی رائے اور فاطمہ بھٹو قابل ذکر ہیں۔
اردو کی دنیا قابل فخر شعراء، افسانہ نگار، ناول نگار، ڈرامہ نویس، سفرنامہ نگار، طنز و مزاح اور اعلیٰ پایہ کے تبصرہ نگارو تنقید نگاروں کے ناموں اور شہ پاروں سے بھری ہوئی ہے۔ اس جلیل قدر فہرست میں ناول نگاری کے ذیل میں جو دو بڑے نام جڑے ہیں وہ ہیں شمس الرحمن فاروقی اور مشرف عالم ذوقی کے۔ میرے خیال میں اگر کسی نے شمس الرحمن فاروقی کا ناول کئی چاند تھے سر آسمان۔ نہیں پڑھا تو اس نے تاج محل نہیں دیکھا۔ کئی چاند تھے سر آسماں تحریر فرما کر فاروقی صاحب نے اردو پر احسان عظیم فرمایا اور ایک ہی جھٹکے میں اردو کو بین الاقوامی سطح پر لا کھڑا کیا۔
لیکن مجھے یہاں کئی چاند تھے سر آسماں ، کے محاسن نہیں گنوانے ہیں۔ میرا موضوع مشرف عالم ذوقی ہے اور ان کا نیا ناول لے سانس بھی آہستہ ہے۔ مشرف عالم ذوقی کو کون نہیں جانتا۔ ذوقی کو صف اول کے قلمکاروں میں جگہ دینے والے کرناٹک اردو اکادمی کے سابق چیئرمین اور نامور شاعر خلیل مامون بھی ہیں۔ کرناٹک اردو اکادمی کی ویب سائٹ پر چلے جائیے اور دیکھیے کہ مشرف عالم ذوقی نثر نگاروں اور ناول نگاروں کی فہرست میں کہاں فروکش ہے۔ سر فہرست۔ ہو سکتا ہے اس درجہ بندی سے کئی ایک ناخوش ہوئے ہوں لیکن ذوقی کا ناول ’’لے سانس بھی آہستہ‘‘ ایسے ناخوش افراد کے لیے ایک کرارا جواب ہے۔ یہ صرف ایک ناول ہی نہیں بلکہ فن افسانہ نگاریو ناول نگاری کے عظیم انسٹی ٹیوٹ میں ایک نصابی حیثیت رکھتا ہے اور اس فن کے سیکھنے کے شائق طلباء کے لیے بے مثل مشعل راہ بھی۔ حالانکہ ذوقی کو شاعری سے کوئی ایسی خاص رغبت نہیں۔ میرے نزدیک اس ناول کو پڑھتے ہوئے ایک سوال یہ بھی تھا کہ میر تقی میر کے نہایت شہرت یافتہ شعر کا شروعاتی حصہ ذوقی نے ناول کے نام کیوں چنا —؟ نہ صرف یہ بلکہ اپنے ایک تازہ افسانوں کے مجموعے ، ’’ایک انجانے خوف کی ریہرسل‘‘ کو ثمینہ راجہ کے معنون کرتے ہوئے ذوقی نے درج ذیل شعر کا سہارا کیوں لیا
شاعری جھوٹ سہی عشق فسانہ ہی سہی
زندہ رہنے کے کوئی بہانہ ہی سہی
میری تقی میر نے اپنے شعری آنگن میں اگے ہوئے پھولوں کے جھنڈ میں کھڑے ہو کر عوام کو وارننگ دی تھی۔ ؎
لے سانس بھی آہستہ کہ نازک ہے بہت کام
آفاق کی اس کارگہ شیشہ گری کا
ذوقی اپنی ذات میں خود ایک اعلی پیمانے کا پولی کلینک ہے اور اس کلینک میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں کا بھیس بدل بدل کر وہ خود تمام امراض کی تشخیص اور مداوا کرتا ہے اور تقریباً سب کے سب مریض کلی طور پر صحت یاب ہو کر خوش خوش گھر لوٹتے ہیں۔ انہیں صحت یابی کی خوشی کے ساتھ ساتھ ایک اور خوشی بھی ہوتی ہے کہ اتنی کم فیس میں اتنا اچھا علاج آج کے دور میں کہاں مہیا ہے۔ سماجی برائیاں ، سماجی شر انگیزیاں ، بد عقیدگیاں ، کروٹیں بدلتی ہوئی تاریخ، پرانی تاریخ، نئی تاریخ، بنتی ہوئی تاریخ، بگڑتی ہوئی تاریخ، سب کچھ دیکھ چکی آنکھیں ، سب کچھ دیکھ کر بھی کچھ نہ دیکھی ہوئی آنکھیں ، جہاندیدہ آنکھیں ، خواب آگیں آنکھیں ، خوابوں کو ترسی ہوئی آنکھیں ، اونچا سننے والے کان، صرف اونچا سننے والے کان، صرف سرگوشیاں ہی سننے والے کان، یہ سب اور ساری چیزیں ، یا یہ سارے اوصاف حمیدہ اور اوصاف حمیدہ اگر ایک آدمی میں جمع ہو جائیں تو کم از کم میں ایسے شخص کا نام مشرف عالم ذوقی ہی رکھوں گا یا اسے اس نام سے پکاروں گا — ذوقی سب کچھ جان کر بھی کچھ نہیں جانتا اور کچھ نہ جانتے ہوئے بھی سب کچھ جانتا ہے۔ دراصل ذوقی میں دو آدمی ہیں — دو آدمی ایک ساتھ رہتے ہیں۔ ایک بہت اچھا شریف اور سچا اور دوسرا خراب، بدمعاش اور جھوٹا — میرے نزدیک اگر یہ دونوں آدمی ایک آدمی کے اندر نہیں ملتے یا غیر متوازن انداز میں ملتے ہیں تو وہ ایک کامیاب اور بڑا قلمکار کبھی نہیں بن سکتا۔ ایک بڑا قلمکار بننے کے لیے دونوں طرف سے کاٹ رکھنے والی تلوار کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک بڑا قلمکار بننے کے لیے ذوالفقار کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ میرے نزدیک منشی پریم چند بڑی حد تک ایک بڑے قلمکار تھے لیکن ان کی تلوار میں دور جدید کی قلمکارہ ارون دھتی رائے کی تلوار کاٹ نہیں تھی۔ فرانسیسی ادیب ایمبل زولا ایک حقیقت پسند قلمکار تھے لیکن دوستوفسکی کی کاٹ کہاں سے لاتے۔ میگزم گورکی بہت عمدہ قلمکار تھے لیکن تالستائی اور چیخوف کے دست و بازو اور گھائل کر دینے والی گہری آنکھیں کہاں سے لاتے۔ سلمان رشدی بڑے چابکدست اور متنازع قلمکار ہیں لیکن منوہر ملگاؤنکر اور خشونت سنگھ جیسی چاشنی اور زبان کا بہاؤ کہاں سے لائیں۔ فاطمہ بھٹو کافی قابل اور با علم قلمکار ہیں لیکن شوبھا ڈے سا انداز کہاں سے پائیں۔ غالب غالب تھے۔ لیکن دور جدید کا انداز کہاں سے لاتے کہ ؎
اونچی عمارتوں میں مرا گھر بھی گھر گیا
یہ لوگ میرے حصے کا سورج بھی کھا گئے !
غالب کو شراب پسند تھی لیکن فیض کا یہ انداز انہیں اس دور میں کیسے ملتا کہ
آئے کچھ ابر کچھ شراب آئے
اس کے بعد آئے جو عذاب آئے
جس طرح آج کا دور کیفی اعظمی، جون ایلیا، ساحر لدھیانوی، قتیل شفائی، احمد فراز، بشیر بدر، پروین شاکر، فیض احمد فیض، ندافاضلی، محمد علوی، عرفان صدیقی اور منور رانا کو ہرگز نہیں نہیں بھول سکتا اس طرح آج کا دور جوش ملیح آبادی، احمد ندیم قاسمی، انتظار حسین، اے حمید، شوکت تھانوی، راجندر سنگھ بیدی، کرشن چندر، کنور مہندر سنگھ بیدی سحر، سعادت حسن منٹو، مجاز لکھنوی، مشتاق احمد یوسفی، عصمت چغتائی، قرۃ العین حیدر اور واجدہ تبسم کو بھی ہرگز نہیں بھول سکتا۔ آج کا دور ابن صفی کو بھی نہیں بھول سکتا اور رضیہ بٹ، سلمیٰ کنول اور اے آر خاتون کو بھی نہیں اور پھر آج کا دور رشید احمد صدیقی، سلام سندیلوی، محمد کلیم احمد اور شمس الرحمن فاروقی کو بھی نہیں بھول پائے گا اور گوپی چند نارنگ کو بھی نہیں۔ آج کا دور رام لعل کو بھی نہیں بھول پائے گا اور مشرف عالم ذوقی کو بھی نہیں۔
ادب میں شاعری کو اسی لیے درجہ اول عطا کیا گیا ہے کہ جو بات نثر نگار پوری صلاحیت کے ساتھ، پوری دیانت داری کے ساتھ اور پوری قوت کے ساتھ کہتا ہے وہ ذہن پر ایک نہایت خوشگوار اثر چھوڑتی ہے لیکن لفظ بہ لفظ دہرائی نہیں جاتی جبکہ شاعر جب کسی چیز کی تعریف، حمد و ثنا میں یا کسی چیز کی برائی میں پوری دیانت داری اور فنی خوبصورتی کے ساتھ کچھ کہتا ہے تو وہ لفظ بہ لفظ ذہن نشین ہو جاتی ہے۔ جیسے غالب کا یہ کہنا ؎
ان کے دیکھے سے جو آ جاتی ہے منہ پر رونق
وہ سمجھتے ہیں کہ بیمار کا حال اچھا ہے
جس طرح ہر بات نثر میں نہیں کہی جا سکتی اسی طرح ہر بات شاعری میں بھی نہیں کہی جا سکتی۔ واقعات، تاریخیں ، مکالمے اور پھر قلمکار کے دل و دماغ میں چھپے راز یا باتیں ، احساسات، جذبات اور اظہار غیض و غضب، اظہار عقیدت و احترام تفصیل کے ساتھ شاعری میں نہیں کہے جا سکتے۔ اگر ایسا ہو سکتا تو آج اخبارات و رسائل، سیاسی داؤ پیچ، سیاسی رسہ کشیاں اور روز مرہ کے واقع ہونے والے حادثات، خبریں ، قدرتی واقعات اور سانحات کبھی دو ٹوک ہمارے سامنے نہ آ پاتے اور اگر کوئی انہیں شاعری میں بیان بھی کرنے بیٹھ جاتا تو لوگوں کو ان میں سے شعری مبالغوں اور تصوراتی جولانیوں کی بو آنے لگتی۔
کہنے کا مطلب یہ ہے کہ شاعری کا کام اپنی جگہ اور نثر کا اپنی جگہ۔
مشرف عالم ذوقی کے ناول ’’لے سانس بھی آہستہ‘‘ کا ایک مکالمہ دیکھیے۔ یہ مکالمہ ذوقی کی عصری بصیرت اور آگہی کا آئینہ دار ہے۔ مکالمہ دور جدید کی ایک ذہین سترہ سالہ لڑکی اور اس کے اپنے دادا کے درمیان ہے اور دیکھئے کہ کیسے آگے بڑھتا ہے۔ دادا اپنی پوتی سارہ سے مخاطب ہیں۔ وہ اسے بہت چاہتے ہیں۔
’’تم جانتی ہو گی۔ Legal اور Illegal کیا ہے …؟‘‘
’ہاں — جائز اور نا جائز—‘ اس نے زمین سے ایک کنکری پھر ہاتھوں میں اٹھائی تھی — اسی لیے تو یہاں بھاگ کر آ جاتی ہوں۔ وہاں تو ممی جینا دوبھر کر دیتی ہیں۔ اُنہیں لگتا ہے … میں جو کروں گی غلط کروں گی۔ اتنا فاصلہ کیوں ہے ددّو — اتنا بڑا جنریشن گیپ — ممی لوگ بدلتے وقت کی آہٹ کیوں نہیں سنتے — کبھی کبھی لگتا ہے ایک مہذب سوسائٹی میں بھی لڑکی ہو کر پیدا ہونا کسی جرم سے کم نہیں۔ یہاں مت جاؤ۔ وہاں مت جاؤ۔ اسکول جانے کے لیے اتنا فیشن کیا ضروری ہے —کسی سہیلی کے یہاں چلی گئی تو آفت۔ موبائل پر زیادہ گفتگو کر لی تو جینا مشکل۔ چھت پر چلی گئی تو دو منٹ بعد ممی بھی چھت پر۔ یہاں کیا کر رہی تھی…؟ یہاں ممی کے لیے چھت پر آنا جائز — میرے لیے ناجائز۔ ممی رشتہ داروں سے گھنٹوں موبائل پر گفتگو کر سکتی ہیں۔ جائز — میں کسی دوست سے کروں تو نا جائز… کیوں ددّو—؟
’بس یہی گیم ہے —‘ میں زور سے ہنسا — ابھی جو کچھ تم نے کہا وہی گیم ہے — تمہارے ہی سوال سے شروع کرتے ہیں۔ تم چھت پر گئی اور ممی چھت پر آ گئیں۔ رائٹ…‘
’ہاں …‘
’ممی کیوں آئیں …؟‘
’شک… کہ میں کسی سے بات تو نہیں کر رہی۔ کسی سے کچھ چل تو نہیں رہا… یعنی…‘
’ال لیگل… میں مسکرایا — لیکن ممی آ سکتی ہیں۔ کپڑے پسارنے یا کسی بھی کام سے … لیگل — کوئی شک نہیں — کسی شک کی گنجائش نہیں …‘
’ہاں …‘
’تمہارا موبائل پر بات کرنا…‘
سارہ زور سے ہنسی — ’میرے لیے آب ویسلی ال لیگل۔‘
’ممی کے لیے لیگل — اب آگے … ایسے کچھ پوائنٹ سوچو…‘
سارہ کی آنکھیں چمک رہی تھیں۔ اسے جانے انجانے ایک دلچسپ کھیل مل گیا تھا—
’آتنک وادی — وہ زور سے تالیاں بجا کر ہنسی — میرے ملک کے لیے ناجائز — مگر جس ملک نے بھیجا — اس کے لیے جائز۔ وفادار۔ ’اسی طرح ملک کے فوجی سپاہی … اور آگے …‘
’یعنی میں اگر Pregnant ہو جاتی ہوں — شادی سے پہلے … روانی میں بولتی ہوئی اچانک اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ میرا مطلب ہے کوئی لڑکی جس کی شادی نہیں ہوئی — ال لیگل۔ لیکن شادی کے بعد یہی چیز سارے گھر کی خوشی بن جاتی ہے …‘
سارہ کی نظریں جھکی تھیں … میرے اندر کوئی سنّاٹا نہیں تھا۔ یہ نسل خود کو پہچانتی ہے۔ اس لیے کہیں بھی اپنی کوئی بھی بات سامنے رکھنے سے نہیں گھبراتی …
اس کا مطلب ایک ہی چیز۔ ایک ہی وقت میں جائز اور ناجائز دونوں ہو سکتی ہیں …کیوں سارہ؟‘
’ہاں ددّو…‘
’یعنی جو تمہارے لیے ابھی ناجائز ہے۔ وہ کسی کے لیے جائز…‘
’ہاں ددّو…‘
میں چپ تھا۔ والٹیر سے روسو تک انسانی نفسیات کی ایک ایک گرہیں میرے آگے کھل رہی تھیں۔ جائز اور ناجائز کی اس انوکھی تقسیم نے میرے پاؤں جکڑ رکھے تھے — کچھ ایسے حیران کرنے والی واقعات بھی آنکھوں کے آگے روشن تھے ‘ جہاں نگاہیں پہنچ کر بھی جل جاتی ہیں — جیسے کالج کے دنوں میں سنا ہوا ایک واقعہ — ایک عورت کو بچہ ہوا تھا۔ سینے میں دودھ اترا ہوا تھا — یہی وہ وقت تھا جب اس کا شوہر اسے چھوڑ کر چلا گیا — شہر کی حالت اچھی نہیں تھی۔ فساد پھوٹ پڑا۔ اس دن اس عورت کے گھر پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں تھا۔ اچانک دروازے پر کسی کے گرنے کی آواز ہوتی ہے۔ بوڑھی ماں اور عورت دروازہ کھول کر دیکھتے ہیں۔ ایک شخص ہے ، جسے گولی لگی ہے … بیہوش ہے … دونوں اسے کھینچ کر اندر لاتے ہیں … عورت پانی تلاش کرتی ہے۔ مگر گھر میں پانی کا ایک بھی قطرہ نہیں۔ وہ گھبرا کر بوڑھی ماں کو دیکھتی ہے اور تجربہ کار ماں انسانیت کا انوکھا فیصلہ سناتی ہے — ’وہ کر‘ جسے انسانی قانون اور مذہب نے منع کیا ہے — بلاؤز کھول۔ اس کے ہونٹوں پر اپنا دودھ پٹکا…‘
یہ تاریخیں بھی بول رہی ہیں اور مشرف عالم ذوقی بھی۔ یہ انسانی ضمیر ہے اور اس کی لتاڑ۔ یہ دل کی آواز ہے اور روح کا مطالبہ بھی، یہی تو وہ عقل ہے جس کی وجہ سے انسان اشرف المخلوقات کہلایا۔ مشرف عالم ذوقی سے یہ توقع رکھنا کہ وہ ایسے کسی انسانی عمل کو برا بھلا کہیں گے ، انتہائے جہالت ہے اور ذوقی کے مزاج سے عدم واقفیت۔ اگر کوئی جوان عورت اپنے انتہائی پیارے شوہر پر اچانک فالج کے حملے کی وجہ سے اس کی دوا دارو اور غذا کے واسطے مختلف جگہوں پر ملازمت کی کوشش کرتی ہے اور ہر دفعہ اسے اپنی عصمت خطرے میں نظر آتی ہے تو وہ کیا کرے ؟ اگر وہ اس سلسلے میں انتہائی مجبور ہو کر اپنا بدن بیچنے لگے تاکہ اپنے بچوں اور شوہر کو پال سکے اور علاج و معالجہ بھی کرواتی رہے تو کون سا مذہب اسے جہنمی ثابت کرے گا؟ اور اگر ایسا کسی مذہب نے کیا بھی تو اس مذہب پر سے اس کے دانشوروں اور منطقیوں کا ایمان اٹھ جائے گا۔
مشرف عالم ذوقی شاعر نہ ہوتے ہوئے بھی اپنی نثر میں اکثر شاعری کی روح پھونکتے رہتے ہیں۔ قاری ان کی نثر اور لفظوں کے اتار چڑھاؤ، خیالات اور جذبات کے بہاؤ اور رقم طرازی کی جادو گری سے مسحور ہو کر جھومنے لگتا ہے۔ اس پر ایک نشہ سا چھا جاتا ہے ، ایسا نشہ جو ہر گز حرام نہیں ہو سکتا، ایسا نشہ جو حلال و حرام کی تمیز مٹا کر آب حیات کا درجہ حاصل کر لیتا ہے اور اسم اعظم بن کر کائنات کے دل میں دھڑکنے لگتا ہے۔ اس ذیل میں ذوقی کی تحریر کا ایک نمونہ اس کے افسانوں کے تازہ مجموعے ’’ایک انجانے خوف کی ریہرسل‘‘ سے ملاحظہ فرمائیے۔ :
’’شاید یہ وہی وقت تھا، جب آسمان پر ایک ٹوٹتے تارے کو دور تک لکیر، پھر صفر میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھ کر میں گھبرا گیا تھا… لیکن شاید ایسی ہی کسی دھند، کسی خاموشی سے ایک نہ بھولنے والے ، آنسوؤں میں ڈوبے گیت کی تخلیق ہو جاتی ہے … یا پھر صدیوں میں کوئی ایسا ہی پیار، تاج محل جیسی زندہ تخلیق دے کر محبت کرنے والوں کے لیے ایک مثال بن جاتا ہے۔‘‘
مشرف عالم ذوقی صرف ایک قلمکار ہی نہیں ، افسانہ نگار و ناول نگار ہی نہیں بلکہ ایک جرنلسٹ یا اعلیٰ پیمانے کا صحافی بھی ہے۔ وہ سیاست پربھی گہری نظر رکھتا ہے ، وہ سیاست جو ماضی سے جڑ کر تاریخ کا ایک اٹوٹ حصہ بن چکی ہے اور وہ سیاست جو ہر لمحہ، ہر پل ہر ساعت ملکوں کی تقدیر اور ملکوں کے مستقبل کے ایک نئے چہرے کے نقوش اجاگر کرنے میں اور تشکیل دینے میں لگی رہتی ہے۔ ذوقی کی اس سیاسی بصیرت کا ایک نمونہ ’’لے سانس بھی آہستہ‘‘ سے آپ کے مطالعے کے لیے حاضر ہے :
’’پڑوس میں ہی نظر محمد کی کوٹھی تھی۔ ایک زمانے میں اس کوٹھی کی شان نرالی تھی۔ کہتے ہیں بڑا دروازہ اتنا بڑا تھا کہ ہاتھی گزر جائے — گھر کی عورتوں کو گھومنے کا بید شوق۔ ہر وقت پالکی تیار رہتی۔ مگر یہ سب باتیں میرے ہوش سنبھالنے سے پہلے کی باتیں تھیں — کوٹھی کو لے کر ہزار طرح کی باتیں مشہور تھیں — جیسے یہ کہ اس کوٹھی میں جنات کا بسیرا ہے۔ مگر برا ہو کہانی سنانے والوں کا، کبھی کسی نے کسی آسیب یا جنات کو دیکھا نہیں تھا۔ بس سنی سنائی کہانیاں ہی رہ گئی تھیں — نظر محمد گاندھی جی کے مخالفوں میں ایک تھے — ان کا بس چلتا تو وہ کب کا گاندھی جی کو گوڈ سے سے پہلے ہی شوٹ کر چکے ہوتے۔ ان کے پاس ہر بات کا ایک ہی جواب تھا۔
ملک تقسیم کیوں ہوا…؟
سب گاندھی نے کرایا—
لیکن گاندھی جی تو مسلمانوں سے بیحد محبت کرتے تھے —؟
ارے ایک نمبر کا ڈھونگی تھا۔ وہ چاہتا ہی نہیں تھا کہ کوئی مسلمان کبھی اس ملک کی کمان سنبھالے۔ دیکھا نہرو کے ہاتھ میں ملک کی باگ ڈور دے دی۔ جناح کو بھی تو دے سکتے تھے —
’لیکن گاندھی جی نے تو خود جناح کا نام تجویز کیا تھا—‘
’ارے سب ڈھونگ — پاکستان بنوانا تھا۔ سو بنوا دیا — کہ آدھے اِدھر کٹو۔ آدھے اُدھر کٹو — بس کٹتے مرتے رہو—‘
ابّا کو اس بحث میں مزہ آتا تھا۔ وہ نظر محمد کو چڑھانے کے لیے گاندھی جی کی تعریفیں شروع کرتے تو نظر محمد گاندھی جی کی ذاتی زندگی پر حملہ کرنے بیٹھ جاتے۔
’دیکھا نہیں۔ ننگا رہتا ہے —‘
’وہ اپنا کپڑا خود اپنے ہاتھوں سے بنتے ہیں۔ اپنی گندگی خود صاف کرتے ہیں۔ اسی لیے تو باپو کہلاتے ہیں۔‘
’اور آشرم میں —‘ نظر محمد ایک آنکھ مار کر بولتے۔ سنی سنائی بات نہیں ہے۔ آنکھوں دیکھی بات ہے — گاندھی جی کے آشرم میں عورتیں ننگی رہتی ہیں۔‘
’سب بکواس — گاندھی جی برہم چریہ کا پالن کرتے ہیں — اور اس کے بارے میں سب کچھ اپنے اخبار میں لکھ چکے ہیں۔‘
’یہ کیسا برہم چریہ ہے کہ ننگی عورتوں کے ساتھ سو جاؤ۔‘
’نظر بھائی — اب ملک آزاد ہو چکا ہے۔ کیوں گاندھی جی کے پیچھے پڑے ہیں آپ…‘
’یہ نفرتیں برداشت نہیں ہوتیں وسیم بھائی — ان نفرت بھری آنکھوں کے بارے میں سوچتا ہوں تو فرنگیوں سے زیادہ مجرم گاندھی جی لگتے ہیں۔ پورا ہندستان ان کی بات سنتا تھا — پھر وہ تقسیم کے سوال پر اڑے کیوں نہیں ؟ بٹوارہ کیوں پسند کیا؟
’گاندھی جی نے ہمیشہ تقسیم کی مخالفت کی — بلکہ آخر آخر تک وہ اس کی مخالفت کرتے رہے — بھوک ہڑتال پر بیٹھے — آمرن ان شن کیا — مگر جب فضا ہی ناساز گار ہو تو کوئی کیا کر سکتا ہے —‘
لیکن نظر محمد یہ قبول کرنے کو تیار نہ تھے — آزادی کے بعد کا خونی تماشہ سامنے تھا اور وہ اس کے لیے گاندھی جی کو ہی قصور وار ٹھہراتے تھے —
ابّا کی نظروں میں نظر محمد ان بہت سارے مسلمان لوگوں میں ایک تھے جو گاندھی جی کی مسلم دوستی کو فرقہ پرستی کی عینک سے دیکھتے تھے — لیکن شاید اس نظریہ کے پیچھے آزادی کی ملی سوغات میں اس تحفہ کو دخل تھا جو فرقہ وارانہ دنگے کے جراثیم اپنے ساتھ لے کر آئی تھی—‘‘
یہ ہے مشرف عالم ذوقی جس نے اپنے تازہ ناول ’’لے سانس بھی آہستہ‘‘ اور تازہ افسانوں کے مجموعے ’’ایک انجانے خوف کی ریہرسل‘‘ میں مغلیہ دور کے تاریخ دانوں کو انگریزوں ، مرہٹوں ، راج رجواڑوں ، نوابوں ، جاگیرداروں اور پھر آزادی اور تقسیم ہند کے داستانوں کی شکل میں لفظوں اور تصور کی مدد سے ایک ٹھوس اور قابل اعتبار شکل دے دی ہے اور پھر سائنس اور تکنالوجی، میڈیکل سائنس، انٹرنیٹ، بلو فلموں اور INCEST کی بھیانک گھاٹیوں میں ڈھکیلنے والے ذہنوں ، فوائد کی آڑ میں اخلاقی طور پر ننگا کر دینے والی سازشوں اور نسلی و ملکی نفرتوں کو درشایا ہے۔ ذوقی نے اپنی ساری قوتیں ، سارے وسائل استعمال کرتے ہوئے ایک صاف ستھرے ذہن اور آزادی طرز فکر کی نہ صرف گنجائش پیدا کی ہیں بلکہ ان کے لیے دشوار گذار راہیں بھی ہموار کی ہیں۔
٭٭٭

پوکے مان کی دنیا (ایک خط مشرف عالم ذوقی کے نام)

نظام صدیقی

بہت پیارے مشرف عالم ذوقی صاحب! محبتیں اور رحمتیں
آپ کا کثیر نشانیاتی اور معنویاتی (Multi - codeic) ناول ’’پوکے مان کی دنیا‘‘ قدرِ اوّل کی تخلیق ہے۔ یہ محض ذو معنی موضوعاتی اور ساختیاتی امکانات کا حامل نہیں ہے بلکہ یہ انگنت تعبیراتی ممکنات (Mutivalent interpretative possibilities) کا امین ہے۔ اس ناول سے پرانے فکشن کی مصنوعی طور پر بنی اور کاڑھی ہوئی داخلی اور خارجی فضا کی رَو تشکیل ہوتی ہے۔ یہ اکیسویں صدی کے تناظر میں اردو فکشن میں ، نئے موسموں کی آمد کا خوشگوار علامیہ ہے۔ اس غیر معمولی ناول کی داخلی ماحولیاتی اشراکیت افروزی اور بیک وقت ’’عالم کاری‘‘ کی ثقافتی ماحولیاتی زلزلہ پیمائی سے اردو فکشن کا پرانا عہد نامہ ختم ہوتا ہے اور نئے ناولاتی عہد نامہ کا حسین اور معنی خیز آغاز ہوتا ہے۔ یہ Creative Novel of Trace ہے جو نئی انسانی اقداری اور حسنیاتی معنویت ت٭٭ار فد شعرائے دلا وہ متا و اہمیت کا اولین ناولاتی مکاشفہ ہے۔ آپ صحیح معنوں میں اکیسویں صدی میں ’’نئے عہد کی ناولاتی اور افسانویاتی تخلیقیت‘‘ کا قطبی ستارہ ہیں۔
نئے اَلفی کے مقامی، قومی اور بین الاقوامی تناظر میں محشر انگیز جووی نائل مسئلہ کی سفاکی اور سنگلاخی کے ساتھ مہر نیم روزی جنریشن گیپ کے منظرنامہ میں سنیل کمار رائے کی تخلیق، تشکیل اور تعمیر لازوال ہے۔ اُن کے اندر زندگی کی مثبت اور منفی پہلو کی مکمل قبولیت کے ساتھ حیوانیت کے خلاف ٹھیٹ گھری انسانیت کے تحفظ و بقا کے لئے سب کچھ نثار کر دینے کا بے ساختہ کیمیا تاثیر ارادہ، عمل اور زندگی بار وظیفہ انقلاب پرور ہے جو یکسر متبادل نئے طور حیات کا داعی ہے۔ اس ’’خفیف نشانیاتی ناول‘‘ کے بطون سے پیدا اس سنجیدہ المیاتی کردار کے مثبت رویہ اور عملی طریق کار کی مقامی، قومی اور بین الاقوامی معنویت و اہمیت مُسَلّم ہے۔ بہت عرصہ کے بعد اردو ناولاتی ادب میں ایک ایسے سورج کردار کا گرانقدر اضافہ ہوا ہے جو بیسویں صدی میں غروب ہوتے ہوئے اکیسویں صدی میں یکسر نئے تخلیقیت کُشا، انسانیت نواز اور زندگی افروز بوطیقا، ریطوریقا اور شعریات کے ساتھ طلوع ہوا ہے۔ یہ الحیّائی حُسن و عظمت کا امین زندگی پرور کردار اپنے تمام درد و داغ، سوز و ساز اور آرزو و جستجو کے ساتھ بے چہرگی اور بے کرداری کے منی سرکس میں با چہرہ، با کردار، با دماغ اور با روح ہے۔ ایسا بڑا المیہ کردار صدیوں میزانِ نشاط و ط غم میں تُل کر پیدا ہوتا ہے جو حیوانیت کا ارتفاع کر ٹھیٹ انسانیت کی فطری ’’موزوں نیت‘‘ کا ترجمان اور الحیّاتی عظمت کا امین ہو۔
ایک بڑے سچے اور اچھے ’’خفیف نشانیاتی‘‘ ناول کی تخلیق کے لئے آپ دل کی گہرائیوں سے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آئندہ سال یہ ناول ساہتیہ اکیڈمی اور گیان پیٹھ ایوارڈ کا مستحق ہو گا۔ ام جنسیت، نابالغ حیوانیت اور پھوہڑ درندگی کا سچا احساس و ادراک ناگزیر ہے۔ آدمی ہی آدمی کا مقصد ہے۔ آدمیت قائم رکھنے کے لئے ناول ہی سب سے بڑا سہارا ہے۔ آپ کی نگاہ انسانیت کی نگاہ ہے۔ آفریں ! صد آفریں ! ٭٭٭

پروفیسر ایس کی عجیب داستان وایا سونامی ایک جائزہ

مشتاق احمد نوری

مشرف عالم ذوقی ایک ایسے فنکار کا نام ہے جسے میں لاوڈ تھنکر (Loud Thinker) کہتا ہوں کیونکہ اس کے ذہن میں جب بھی کوئی اتھل پتھل ہوتی ہے وہ پوری کی پوری کاغذ کے صفحے میں منتقل ہو جاتی ہے۔ ذوقی ایک ایسا فنکار ہے جو صرف لکھتا ہی نہیں بلکہ وہ اپنے آپ کو منوانا بھی چاہتا ہے اس معاملے میں بھی اس کا Approachبے حد Aggressive ہوتا ہے اور اس کی کوشش ہوتی ہے کہ اسے ہر حال میں تسلیم کیا جائے۔ اگر آپ اسے تسلیم نہیں کرتے تو اس کی ناراضگی جھیلنے کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے۔
’’پروفیسر ایس کی عجیب داستان وایا سونامی‘‘ ذوقی کا تازہ ترین ناول ہے۔ نام سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ اس میں سونامی سے متعلق گفتگو ہو گی لیکن صرف ایسا نہیں ہے بلکہ اس ناول کی شروعات کلکتہ کی زمین سے ہوتی ہے جہاں بہار سے احمد علی نام کا ایک نوجوان روزی کی تلاش میں کلکتہ جاتا ہے اور وہاں کامریڈ احمد علی بن جاتا ہے۔ سدیپ سانیال کی سرپرستی میں انڈرگراؤنڈ کامریڈ لوگ ریڈ انڈین جوٹ مل سے متعلق مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ نکسل تحریک سے وابستہ یہ لوگ اس کے پرسنل منیجر کشواہا کا خون کرنے کی ذمہ داری کامریڈ احمد علی کو سونپتے ہیں۔ کامریڈ احمد علی جو دیپ سانیال کی بیٹی ا دیتی سانیال کے عشق میں گردن تک ڈوبا ہوا ہے وہ کشواہا کا قتل کرنے کے بجائے اس کے گھر جا کر اس کی لڑکی کو الرٹ کر دیتا ہے۔ حالانکہ نکسل تحریک میں غداری کی سزا موت ہوتی ہے لیکن سدیپ سانیال کی وجہ سے اس کی جان بچ جاتی ہے۔ بعد میں سانیال کے چھوٹے بھائی چارو سانیال کی وجہ سے اس کی شادی ا دیتی سانیال سے ہو جاتی ہے۔ احمد علی اپنی زندگی کا بقیہ حصہ نکسل تحریک کے سائے سے دور بتانے کے لئے دہلی آ جاتا ہے۔ کتاب کے 146صفحات میں کلکتہ کی زندگی نکسل تحریک، احمد علی اور ا دیتی کی محبت وغیرہ کا ذکر ملتا ہے۔
اس کے بعد ’’شاہ پور کی چھولداری ‘‘اور خانقاہ والے حصے میں پروفیسر کی آمد ہوتی ہے۔ جو وہاں کے فادر امبورسیو کی پرانی خانقاہ کو اپنی رہائش کے لئے خرید لیتا ہے۔ اسی خانقاہ کے سامنے احمد علی نے اپنا مکان بنوایا ہے ار پرویز سانیال کے روپ میں ان دونوں کی محبت سامنے آتی ہے۔ پروفیسر ایس کا پورا نام صدر الدین پرویز قریشی ہے وہ عجیب پُر اسرار شخصیت کا مالک ہے۔ انتہائی خوبصورت سفید چہرہ، ہلکی گھنی داڑھی، آنکھوں پر چڑھا ہوا سیاہ چشمہ کالے رنگ کا سوٹ، سفید شرٹ، خوبصورت نیک ٹائی، کالے رنگ کا جوتا، قد چھ فٹ سے کچھ ہی کم پوری شخصیت میں ایک ایسا جادو تھا جو بھی اُسے دیکھتا اس کا مرید ہو جاتا۔ پورے ناول میں پروفیسر کی پُر اسرار شخصیت چھائی ہوئی ہے اور اس کے کردار کے کئی پہلو سامنے آتے ہیں۔ پروفیسر ایس ایک ادیب بھی ہے۔ بڑی ملائمت سے گفتگو کرتا ہے لیکن اپنی فطرت کے اعتبار سے وہ بے حد سفاک ہے۔ وہ اپنے بہنوئی کا قتل صرف اس لئے کر دیتا ہے کہ وہ اس کے کئی راز سے واقف ہو گیا تھا۔ پروفیسر ایس نرگسیت کا بھی شکار ہے۔ اس کی خود پسندی کی انتہا یہ ہے کہ اس نے اپنے کمرے میں اپنی بڑی بڑی تصویریں بنوا کر دیوار پر لٹکائی ہوئی ہیں۔ وہ اپنی پہلی بیوی حمیدہ کو چھوڑ کر مسجد کے امام کی ایک کم سن لڑکی سیما کو اپنی بیوی بنا لیتا ہے۔ گرچہ وہ اس سے بہت دھیمے لہجے میں گفتگو کرتا ہے لیکن اس سے بے انتہا سفاکی سے پیش آتا ہے۔ اس کی عیاشی کی انتہا یہ ہے کہ عورتیں ایک مخصوص عمر کے بعد اسے اچھی نہیں لگتیں۔ پروفیسر ایس نے ادب کے بہت بڑے مافیا لوپی چند سیب کو اپنی مٹھی میں کیا ہوا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پروفیسر ایس کے پاس لوپی چند کی ایک ایسی تصویر ہے جس کے منظر عام پر آ جانے سے اس کی عزت کا فالودہ بن سکتا ہے۔ اسی ڈر سے وہ اسے اکادمی کے بڑے انعام سے نوازتا ہے۔ پروفیسر ایس خانقاہی اور احمد بشیر کی مدد سے ایک ادبی رسالے کا اجراء بھی کرتا ہے۔ خانقاہی اگرچہ بے حد ذہین اور مذہبی بیک گراؤنڈ کا لڑکا ہے لیکن پروفیسر کی صحبت اسے شراب کا رسیا بنا دیتی ہے۔
شاہ پور چھولداری میں رہنے والا ڈاکٹر اجے پروفیسر ایس کے بارے میں طرح طرح کی خبریں اڑاتا ہے۔ اس علاقے کے لئے اسے منحوس قرار دیتا ہے لیکن احمد علی اپنے بیٹے پرویز سانیال کی پرورش پروفیسر ایس کی نگرانی میں کروانا چاہتا ہے اور ایک دن وہ پروفیسر سے اس سلسلے میں بات بھی کرتا ہے۔ پروفیسر ایس پرویز سانیال کو اپنی تربیت میں رکھنے کے لئے کچھ شرائط پیش کرتا ہے جو اس طرح ہیں :-
’’پرویز کو میں کسی ملکیت کی طرح اپنی تحویل میں لوں گا اور آپ اس سے کوئی رابطہ نہیں رکھیں گے اور کچھ پوچھیں گے نہیں …
پرویز آپ سے زیادہ میری پراپرٹی ہو گا، میری ملکیت……
آپ کبھی بھی ہمارے یا پرویز کے درمیان نہیں آئیں گے۔‘‘
احمد علی اپنے بچے کو پروفیسر ایس جیسا بنانا چاہتا ہے اس لئے وہ ان شرائط کو مان لیتا ہے لیکن پرویز کی ماں آدیتی سانیال ان شرطوں کو سن کر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتی ہے۔ پروفیسر ایس اپنے انداز میں پرویز کی تربیت کرتا ہے اس دوران پرویز سانیال پروفیسر کی کم سن بیوی سیما پر ہو رہے ظلم سے بھی واقف ہو جاتا ہے۔ پروفیسر اتنا سخت گیر ہے کہ وہ سیما کو کسی کے سامنے آنے نہیں دیتا۔ ایک بار خانقاہی پیاس کی شدت میں بھابھی کہتے ہوئے اندر گیا تھا اور سیما نے اسے پانی کا گلاس بڑھایا تھا اس چھوٹی سی ’’غلطی‘ ’کے لئے پروفیسر نے سیما کے بدن کو سلاخوں سے داغ دیا تھا۔ وہ سیما کو اپنی حویلی میں بے لباس دیکھنا چاہتا تھا اور اسی بے لباسی میں وہ اس کے لئے چائے یا کافی بھی بناتی تھی۔ اسی درمیان پروفیسر کی ملاقات ایک خوش شکل نوجوان فوقی سے ہوتی ہے جو کسی زمانے میں کہانیاں لکھتا تھا مگر اب وقت کے ساتھ چھوٹے پردے کی دنیا کو اس نے اپنی دنیا بنا لی تھی۔ فوقی کی مدد سے وہ سی ٹی وی کے لئے اپنی پروجیکٹ جمع کرتا ہے لیکن وہاں کا انچارج بالم سرشاری پروفیسر کو اسمگلر کہہ کر اس کے پروجیکٹ کو لینے سے انکار کرتا ہے لیکن فوقی کی پیروی سے اسے وہ رکھ لیتا ہے بعد میں پروفیسر جموں کی ایک شاعرہ کنول ڈیسائی کو بالم سرشاری کے پاس بھیجتا ہے اور نگار زیدی کو نوٹوں سے بھرا بیگ دے کر اس بات کے لئے راضی کر لیتا ہے کہ وہ سی ٹی وی کا سارا پروگرام صرف اسے ہی وے۔ اس طرح وہ بری خوبصورتی سے اپنے محسن فوقی کا پروجیکٹ سی ٹی وی سے ردّ کروا دیتا ہے۔
پرویز سانیال بچپن سے ہی شیلی کے ساتھ کھیلتا کودتا ہوا بڑا ہوتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کو پسند بھی کرتے ہیں۔ آدیتی سانیال بھی اس جوڑی کو پسند کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن وقت کو کچھ اور منظور ہوتا ہے۔ پرویز سانیال پروفیسر کی صحبت میں اس طرح گرفتار ہوتا ہے کہ وہ شیلی کی محبت کو ٹھکرا دیتا ہے اور شیلی کی شادی کسی اور سے ہو جاتی ہے۔ اس دوران آدیتی سانیال کی موت بھی ہو جاتی ہے۔ ماں کی رحلت پر وہ بکھر جاتا ہے لیکن اس کا باپ اسے گلے لگاتے ہوئے دھیرے سے کہتا ہے :
’’رو مت بیٹے ماں کو ہمیشہ کے لئے اپنے اندر زندہ کر لو اور اندر کے آسیب کو باہر کر دو۔‘‘
ناول کے تیسرے حصے میں اکیسویں صدی کے سب سے ہولناک حادثے سونامی کا ذکر ہے اور اس پورے باب میں سونامی کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ پروفیسر، پرویز سانیال کے ساتھ ہر اُس جگہ جاتا ہے جہاں جہاں سونامی نے قہر برپا کی ہے۔ اس سلسلے میں تفصیلات اتنی زیادہ ہیں کہ کبھی کبھی اس پر رپورٹنگ کا گمان گزرتا ہے۔
پروفیسر کو ایک عجیب سی بیماری بھی ہے وہ بند کمرے میں زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتا۔ اس کا دم گھٹنے لگتا ہے ، سانس اکھڑنے لگتی ہے۔ اس پر غشی طاری ہو جاتی ہے اور اسے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گھٹن سے اس کا دم نکل جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ نہ تو وہ طیارہ میں سفر کر سکتا ہے نہ ہی ٹرین کے اے سی بوگی میں۔ انتہا یہ ہے کہ وہ اُس باتھ روم میں جس میں کھڑکیاں نہ ہوں اس میں بھی گھٹن محسوس کرنے لگتا ہے۔ سونامی سے متاثرہ علاقے کے دورے کے دوران پروفیسر کے اندر کی سفاکی پرویز سانیال پر ظاہر ہو جاتی ہے اور وہ اس سے دور ہونے لگتا ہے۔ دہلی واپس ہونے تک اس میں ایک نمایاں تبدیلی ہو چکی ہوتی ہے اور جب وہ گھر واپس آتا ہے تو شفیق والد احمد علی پر بھی پروفیسر کی حقیقت واضح ہو چکی ہوتی ہے اور وہ اس سے نفرت کرنے لگتا ہے۔ اسی دوران مختصر علالت کے بعد احمد علی کا انتقال ہو جاتا ہے اور پرویز سانیال اس دنیا میں اپنے آپ کو اکیلا محسوس کرنے لگتا ہے۔ موت کی خبر سن کر شیلی بھی آتی ہے اور بے اختیار پرویز سے لپٹ جاتی ہے۔ جذبات کے سارے بندھ ایک ساتھ ٹوٹ جاتے ہیں لیکن پرویز باپ کے غم میں اس طرح بے حال ہے کہ وہ شیلی کے اُکسانے کے باوجود اپنے آپ پر قابو پانے میں کامیاب ہوتا ہے۔ اس دوران پروفیسر لوپی چند سیب کے بلاوے پر دو دن کے لئے دہلی کا رخ کرتا ہے جہاں اس کے اعزاز میں ایک میٹنگ ہونے والی ہے جہاں پروفیسر اپنے دورے کی داستان سنا کر لوگوں کی واہ واہی لوٹنے کا متمنی رہتا ہے۔ وہ دو دن دہلی میں رہتا ہے اور یہی دو دن اس کی زندگی پر بھاری پڑ جاتے ہیں۔ سیما اور پرویز سانیال مل کر اس کی موت کا سامان اکٹھا کرتے ہیں۔ فادر امبروسیو کی عبادت گاہ میں جس کی دیواروں پر پروفیسر کی پینٹنگ سجی ہوئی ہیں ایک پینٹنگ کے پیچھے دو کھڑکیاں بھی ہیں جس سے پروفیسر کو اطمینان رہتا ہے کہ وہ اس میں محصور نہیں ہے۔ پرویز اور سیما مل کر اس کمرے کی کھڑکیوں کو نکال کر وہاں دیوار بنا دیتے ہیں اور دہلی سے واپسی پر جب پروفیسر اپنے کمرے میں جاتا ہے تو سیما باہر سے کنڈی لگا کر اس میں تالا جڑ دیتی ہے پھر دونوں وہیں بیٹھ کر کمرے کے اندر پروفیسر کی بے بسی کا لطف لیتے ہیں۔ پروفیسر کی عجیب بیماری اس پر حملہ آور ہوتی ہے اور اس طرح پروفیسر ایس کی عجیب داستان اپنے اختتام تک پہنچتی ہے۔
پروفیسر صدر الدین پرویز قریشی کی شخصیت سے اس کا کالا چشمہ ہمیشہ چپکا رہتا ہے۔ نفسیاتی طور پر جو لوگ ما دیت پسند ہوتے ہیں وہ کسی سے آنکھ ملانے کی جرأت نہیں رکھتے اسی لئے ہمیشہ اپنی آنکھ کو کالے شیشے میں چھپائے رہتے ہیں۔ پروفیسر کی پوری شخصیت ایک کولڈ بلڈیڈ (Cold Blooded) ما دیت پسند کے طور پر اُبھرتی ہے جو اپنی کامیابی کے لئے کسی بھی حد کو پار کرنے کے لئے تیار رہتا ہے ، جہاں نہ رشتہ آڑے آتا ہے ، نہ ضمیر سامنے آتا ہے ، انتہا یہ ہے کہ دوستی اور وفاداری بھی اپنا اثر نہیں دکھا پاتی۔
یہ پورا ناول دو حصے میں بٹا ہے۔ پہلا حصہ احمد علی کی زندگی کا وہ حصہ ہے جو اس نے اپنی جدوجہد کے دوران کلکتہ کے نکسل تحریک کے سائے میں گزاری ہے اور دوسرا حصہ پروفیسر صدر الدین قریشی کا ہے۔ بظاہر دونوں حصے میں کوئی تال میل نہیں ہے لیکن احمد علی کے بیٹے پرویز سانیال کو اس کہانی کا حصہ بننا ہے اس لئے دونوں حصے میں ایک ربط پیدا ہو جاتا ہے۔ کلکتہ کی نکسل تحریک احمد علی اور آدیتی سانیال کی محبت اور احمد علی کے اندر چھپے ایک سچے انسان کی کہانی بڑی روانی کے ساتھ ہمارے سامنے آتی ہے اگر یہ پورا ناول ہی نکسل تحریک پر مبنی ہوتا تو اس کا رنگ ہی کچھ اور ہوتا لیکن شاید اس ناول کا مقصد پروفیسر ایس کی عجیب و غریب شخصیت کو قارئین کے سامنے لانا تھا اس لئے کہانی میں پروفیسر کی آمد ہوتی ہے۔
صدر الدین پرویز قریشی پروفیسر کہلاتا ضرور ہے لیکن پورے ناول سے اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا کہ وہ کب، کہا ں اور کس کالج کا پروفیسر رہا ہے۔ اس ناول میں جتنے کردار سامنے آئے ہیں اس کے بارے میں صفحہ دس پر اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ یہ سارے نام اور کردار فرضی ہیں لیکن اس ناول کے کردار کے پردے سے کچھ جانی مانی شخصیتیں بھی ابھر کر قارئین کے سامنے آ جاتی ہیں۔
اس ناول میں جزویات نگاری پر ذوقی کو کمال حاصل ہے خصوصاً جہاں سونامی کے تذکرے ہیں وہاں کی جزویات نگاری ایسی ہے کہ وہ ساری ہولناکی پھر سے ہمارے سامنے آ جاتی ہے جس کے ذکر سے ہی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہی اور یہی وجہ ہے کہ اس پر رپورٹنگ کا گمان ہونے گتا ہے۔ پروفیسر ایس کی شخصیت کو ڈھالنے میں ذوقی نے کافی محنت کی ہے اور ہمارے سامنے ایک ایسا کردار اُبھرتا ہے جو ایک نرم گفتار، بے حد پُر کشش شخصیت کا مالک، اپنی تحریروں سے جادو جگانے والا، لوگوں کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے والا، ذہین لوگوں کا استحصال کرنے والا اور جنسی طور پر بے حد سفاک شخص ہمارے سامنے آتا ہے۔ گرچہ پروفیسر ایس پرویز سانیال کو اپنا مستقبل بنانا چاہتا ہے لیکن اپنی تمام تر کاوشوں کے باوجود وہ پرویز کے اندر اپنی سفاکی منتقل نہیں کر پاتا۔ پرویز اپنے دس سالہ تجربے میں پروفیسر سے شدید نفرت کرنے لگتا ہے۔ انتہا یہ ہے کہ وہ اسے پستول سے قتل کرنا چاہتا ہے لیکن پروفیسر کی کم سن بیوی سیما جو پل پل اس کے ساتھ مرتی رہی ہے اور پرویز کی باہوں میں جا کر زندگی کا نشہ حاصل کر چکی ہے وہ اسے پستول سے مارنے کے بجائے اس کی عجیب سی بیماری میں مبتلا کر کے مارنے کا پلان بناتی ہے۔ ایسے سفاک شخص کا انجام کچھ ایسا ہی ہوتا ہے ، جب اس کے بے حد قریب والے لوگ ہی اس کے خاتمے کا سبب بنتے ہیں۔
ذوقی کی نثر میں کوئی الجھاؤ نہیں ہے اس میں روانی بھی ہے لیکن جذبات کی طغیانی بھی بہت ہے۔ جس پر اگر قابو پا لیا جائے تو اس سے بہتر ناول سامنے آ سکتا تھا۔ 520صفحات کی یہ کتاب بے حد خوبصورت چھپی ہے اور اس کے سرورق پر ایک ایسی تصویر کی جھلک موجود ہے جسے سونامی کے دوران کھینچے گئے سب سے بہتر تصویر کی شکل میں منتخب کیا گیا تھا۔ پشت پر ذوقی کی بے حد پُر کشش تصویر ہے جس پر پروفیسر ایس کا سیاہ چشمہ ان کی آنکھوں پر نظر آ رہا ہے شاید پروفیسر کے انتقال پُر ملال کے بعد اس کا سیاہ چشمہ ان کے ہاتھ لگ گیا ہو گا۔
مشرف عالم ذوقی اس خوبصورت ناول کے لئے مبارک باد کے مستحق ہی۔ ان میں لکھنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ان جیسی بے باکی اور راست گوئی سب کے نصیب میں نہیں ہوتی۔ ادب کے تئیں ذوقی کا ایک خاص نقطہ نظر بھی ہے جو ان کی تحریروں میں نظر آ جاتا ہے۔ مستقبل میں ذوقی سے اس سے بھی بہتر ناول کی امید کی جا سکتی ہے۔
’’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی‘‘
٭٭٭

ذوقی کا___پوکے مان کی دنیا

اقبال جمیل

پچھلے دس سالوں کے دوران اردو میں لکھے گئے ناول اور افسانوں میں دو، رجحانات نمایاں طور پر سامنے آئے ہیں۔ پہلے میں سماجی فکر اور انسانی جذبات و احساس کو ملحوظِ خاطر رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں موجودہ عہد کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی مسائل پر سنجیدگی سے سوچنے کی سعی کی گئی ہے تو دوسرا رجحان شاید آج کے (Consumerism) صارفین تحریک سے پیدا ہوا ہے _____ جہاں پر فرد کے مفادات کو سماجی مفادات پر فوقیت حاصل ہے ____ آج کے ادیبوں کے پاس فرار کا بہت آسان راستہ موجود ہے ____ ’’معاشرہ‘‘ ملک اور دنیا کے مسائل اُن کے نزدیک بہت بڑی بڑی باتیں ہیں جن کے بارے وہ کر ہی کیا سکتے ہیں۔ ایک دلچسپ اور تلخ حقیقت یہ ہے کہ آج کا ادیب بھی اسی صارفی تہذیب کا حصہ بن چکا ہے۔ یقین نہ ہو تو حالیہ انتخاب کا جائزہ لیجئے ____ اردو کے کئی شاعر اور ادیب منفعت حاصل کرنے کے لئے فرقہ پرستوں کے سیاسی کھیل میں شامل ہونے سے بھی نہیں ہچکچائے۔
اردو ادب اور ہماری قوم کی یہ خوش قسمتی ہے اس دوسرے رجحان پر چلنے والوں کی تعداد بہت زیادہ نہیں ہے۔ دورِ حاضر میں ، خاص طور سے بابری مسجد کے انہدام کے بعد سے اردو میں لکھنے والوں کی اکثریت کو یہ احساس ہو گیا ہے کہ مسائل سے منہ موڑنے ، یا ان سے بھاگنے سے نہ ہی ان کا حل ڈھونڈا جا سکتا ہے اور نہ ہی اپنی جان بچائی جا سکتی ہے۔ گجرات کے فسادات نے اس احساس کو اور تقویت دی۔ اسی لئے اس دور میں تحریر کئے گئے بہت سارے ناول اور افسانے سماجی اور سیاسی مسائل پر بغیر کسی ہچکچاہٹ یا تکلف کے اپنی بات کھل کر کہتے ہوئے نظر آتے ہیں ____
اردو فکشن میں یہ تبدیلی خوش آئند ہے۔ مگر پڑھے لکھے اور حساس قاری کی بدقسمتی یہ ہے کہ اردو میں ناول اور افسانے لکھنے والوں میں سے بڑی تعداد حالات حاضرہ پر نہ تو تنقیدی نظر رکھتی ہے اور نہ ہی نئی تکنیکی ایجادات، سماجی اور سیاسی رجحانات پر اُس کے اثرات کو سمجھنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اردو کے بیشتر ادیب آج بھی ان حقائق کا جائزہ پرانی عینک سے ہی لگاتے ہیں۔ وہ نئے دور کو اس کی خوبیوں اور خرابیوں کے ، ایک متوازن سوچ کی بنیاد پر سمجھنے سے قاصر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اردو فکشن میں نسلوں کے فرق اور تضاد پر مکالمہ بہت کم پایا جاتا ہے ____ ذوقی کے یہاں اس احساس کی شدت زیادہ ہے۔ وہ موجودہ عہد کے تناظر میں سوچ سمجھ اور ٹھہر کر اپنی رائے پیش کرتے ہیں ____
’’یہاں جنگ برائے جنگ ہوتی ہے۔ آدمی کو بچانے کے لئے اربوں ، کھربوں کے میزائل خرچ کر دیئے جاتے ہیں ___ اور لاکھوں آدمیوں کو مار کر لاکھوں آدمیوں کے بچنے کا جشن منایا جاتا ہے ___
ایک انسانی ماڈل میکاؤف ’کلون‘ کے چیمبر میں تیار ہوتا ہے۔ ایک بھیڑ ’’ڈولی‘‘ ممیاتی ہوئی آپ کے سامنے آ جاتی ہے ___ ایک ہوائی جہاز، ورلڈ ٹریڈ ٹاور کو چھیدتا ہوا گزر جاتا ہے ___ اور چند شیو سینک 14 فروری، ویلنٹائن ڈے یعنی محبت کے دن پر پابندی لگانے کے لئے نکل پڑتے ہیں۔
الجھاوا ہی الجھاوا ہے ___
انتہائی خطرناک ترقی، انتہائی خطرناک پچھڑا پن___
سوپر ہائی وے ___ اور دوسری طرف زوال یا ’پتن‘ کی کھائی___ ڈاکٹر ’جینوم‘ کے ذریعہ انسان کو مرنے سے روکنے کی تیاری کرتے ہیں اور ہم ’دلت وِمرش‘ کے نام پر اپنی ساری Energyصرف کر رہے ہوتے ہیں ___
To be and not to be, is the question
شیکسپیئر زندہ ہوتا تو کچھ اور کہتا ___اور شاید نہیں کہتا۔ ہونے اور نہیں ہونے کے بیچ یہ دنیا پھنس گئی ہے ___ ہم مارس پر جا رہے ہیں اور دوسری طرف موہن جوداڑو کے ٹوٹے حصہ کو جوڑنے کے لئے مٹّیاں ڈھونڈھی جا رہی ہیں۔
ہم ایک بہت بڑے بازار میں الجھ کر بونے بن گئے ہیں۔ ایک بہت بڑا بازار جو ہماری سنسکرتی، ہماری جڑوں سے الگ ہے ___ ہم اس بازار کا حصہ بننا چاہتے ہیں ___ مگر پری ہسٹارک ڈائنا سور بن کر___ پانچ کروڑ سال پیچھے جا کر ہم اس بازار میں اپنی گھس پیٹھ جمانا چاہتے ہیں۔
متھ ٹوٹ رہے ہیں ___ نئے اصول بن رہے ہیں ___ اور ہیلپ لائنس کی تعداد بڑھ رہی ہے ___ ہمارے بچے میل اسٹریپرس بننے کی تیاری کر رہے ہیں ___ یعنی نیا ایڈونچر ___یہ دور دراصل ہمارے لئے نہیں سگمنڈ فرائیڈ کے لئے تھا___ وہ دیکھتا کہ 40 پار، کے ایک باپ کی کیفیت کیا ہوتی ہے ___ ایک باپ جو اپنے بچو ں کے آئینے میں خود کو، اُن کی اپنی آزادی کے ساتھ اُتار تو لیتا ہے۔ مگر اُس کا پچھڑا پن برقرار رہتا ہے ___ اور وہ وہی رہتا ہے اندر سے۔ پری ہسٹورک ڈائنا سور___‘‘
مشرف عالم ذوقی کا تازہ ترین ناول ’’پوکے مان کی دنیا‘‘ صحیح معنی میں اکیسویں صدی کے ہندستانی سماج اور اُس سے جڑے ہوئے مسائل کا آئینہ ہے۔ تازہ ترین ٹکنالوجی کا اثر سماجی ڈھانچے پر ہوتا ہے۔ یہ ناول اِس اہم ترین موضوع پر ایک سنجیدہ مکالمے کی شروعات ہے۔ ذوقی اپنی تصنیف کے ذریعہ لاتعداد سوالات اُٹھاتے ہیں اور بہت کارگر طریقے سے قاری کے دماغ پر کاری ضرب لگاتے ہیں۔
ناول میں آج کے نوجوانوں کا سماجی رجحان اور اُن کا پچھلی نسل سے فکری سطح پر، اور روزمرّہ کی زندگی میں رہن سہن کا ٹکراؤ بہت خوبی سے بیان کیا گیا ہے۔ گلوبلائزڈ (Globalized) اور لبلرائزڈ (Liberalized) دنیا میں بدلتی ہوئی قدروں کو ہر نسل اور طبقہ کے لوگ جس نظریے سے دیکھنا پسند کرتے ہیں اس کا مکمل بیان بغیر اپنے ذاتی کمنٹ کے ، مطالعہ مشاہدہ اور فکر کی سطح پر ذوقی نے بہت خوبصورتی سے دینے کی کوشش کئے۔ آج کے دور میں کنزیومر یا صارف بن جانے کی حقیقت ابھی تک صحیح طور پر لوگوں کے علم میں نہیں آئی ہے۔ میرے خیال میں شاید یہ اردو کا یا ہندستانی زبان کا پہلا ناول ہے جس میں نئی ٹکنالوجی یا صارفی تہذیب کو پہلی بار اس قدر نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کنزومر دنیا میں انسانی رشتے ، سیکس، یہ سب ایک بڑے بازار کے حصہ بن چکے ہیں۔ ذوقی نے ٹھیک ہی لکھا ہے ____
اس اندھی، کانی اور بہری ریس میں گھپلے ہوں گے ___ گھپلوں کی پرواہ مت کیجئے۔ چھوٹے شہر، چھوٹے لوگ، چھوٹی دنیائیں پسیں گی اور پسپا ہوں گی___ پرواہ مت کیجئے ___ ایک Big پاور ہو گا___ جس کی حکومت بڑھتی جائے گی اور جیسا کہ ارندھتی رائے نے اپنے ایک مضمون میں کہا___ ہندستان، پاکستان زمینوں پر امریکی فوج گھوم رہی ہو گی۔ توگڑیا اور مودی اور اٹل، مشرف جیسے لوگ صدام کی طرح بڑھی ہوئی داڑھی میں ، نظر بند ہوں گے ___ یہ سب ہوں گے ، کیونکہ___ زندہ رہنے اور فتح کے لئے کوئی دلیل نہیں ہو گی۔ ترقی اور اُڑان کے لئے کوئی جرح، کوئی سوال نہیں ہوں گے۔ تیزی سے بڑھتی دنیا میں ہم لغات سے Noاور Impossible کو خارج کر دیں گے۔ رہ جائے گا۔ صرف Yes ہاں ___
بندر انسان پیدا کرے گا___ہاں !
ہوائی جہاز کی جگہ انسان اُڑے گا___ ہاں !
دیکھتے ہی دیکھتے تعریفیں بدل گئیں۔ سچ کی۔ جھوٹ کی۔ غلط کی۔ جائز کی ناجائز کی___ تعریفیں بدل گئیں۔ تفریحوں کے سامان بدل گئے ___ چھوٹے کھلونے چلے گئے۔ ہتھیار آ گئے۔ بچوں نے میزائلس، راکٹ لانچرس اور بندوق پسند کر لئے ___ بچوں کو w.w.f پسند آنے لگا___ بچے ایسی فائٹ دیکھنے لگے۔ جس میں اذیت تھی___ ایڈونچر تھا___ ایک خوبصورت موت تھی۔ بچوں کو ویپنس چاہئے ___ ویپنس۔ بچوں کو Warچاہئے ___
جنگ اور کھلونے ___
کیا آپ نے کبھی بچوں کے ویڈیو گیمس دیکھے ہیں ___ زیادہ تر بچے کیا دیکھتے ہیں۔ ویپنس اور ___war
داڑھی لگائے اسامہ پر امریکی گولہ باری ہو رہی ہے ___ بچے تالیاں بجا رہے ہیں ___ ہیرو کو ولن اور ولن کو ہیرو بنایا جا رہا ہے ___ نئی سنسکرتی کچھ بھی کر سکتی ہے۔ نئی سنسکرتی نے بچوں کی آنکھوں سے میرا کل، چمتکار اور حیرت کی چمک چھین لی۔ ہتھیار دے دیئے اور ایک نیا کھلونا___
بچے ’کولا‘ پیتے ہیں۔ جنک فوڈ کھاتے ہیں۔ باربی ڈالس پر لٹو ہوتے ہیں ___ اور پوکے مان دیکھتے ہیں ___ ہمیں ایسے بچے تحفہ میں ملے ہیں جن کے پاس اپنا کچھ نہیں ___
دراصل ہم ایک مشکل ترین دنیا پر داخل ہو گئے ہیں ___ جہاں فیصلے آسان نہیں ہوں گے ___ قانون کو اپنے اب تک بنے بنائے اصولوں اور ضابطوں کو توڑنے کے بارے میں سوچنا ہو گا___ آپ اب 2+2=4 پر بھروسہ نہیں کر سکتے ___ الجبرا کے فارمولوں سے لے کر بدن کا الجبرا اور دماغ کا جغرافیہ سب کچھ بدلنے لگا ہے ___جسم کی ہسٹری اور تیزی سے اندر پیدا ہوتی بھوک کی بائیالوجی کسی بھی طرح کے Test یا D.N.Aسے بالاتر ہے ___‘‘
حقیقتاً نئے بازار کو سمجھنے کے لئے محاورے اور الفاظ بھی نئے ڈھونڈنے ہوں گے۔ ذوقی نے اس تلخ حقیقت کو جس جسارت اور ہمت کے ساتھ قلم بند کیا ہے ، یہ اُنہی کا حصہ ہے۔ یقیناً یہ ناول موجودہ سماج اور ادب میں ایک نئے مکالمے کو جنم دے گا۔
٭٭٭

زیرِ نظر برقی کتاب اصل کتاب ’دستخط اور چہرے‘ نامی کتاب کا ایک حصہ ہے۔
صاحب کتاب مشرف عالم ذوقی کے تشکر کے ساتھ، جنہوں نے اس کی فائلیں عطا کیں۔
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

دستخط اور چہرے