بچوں کی دنیا
اردو تہذیب ڈاٹ نیٹ
ٹیکسی کا انعام
طالب ہاشمی
پہلی صدی ہجری میں یحییٰ بن ہبیرہ ایک مشہور وزیر گزرا ہے ۔اس کو یہ عہد بنو امیہ کی حکومت کے زمانے میں ملا تھا۔وہ ایک غریب عرب سپاہی کے گھر میں پیدا ہوا تھا اور اسے بچپن ہی سے علم حاصل کرنے کا بہت شوق تھا۔اس نے دن رات محنت کر کے علم حاصل کیا اور چند ہی سال کے اندر بہت بڑا عالم بن گیا جلد ہی اس کے علم اور دانائی شہر دور دور تک پھیل گئی اور وہ لوگوں میں عوالدین (یعنی دین کا مددگار)کے لقب سے مشہور ہو گے ،مگراس کی غریبی دور نہ ہویا وہ تنگی ترشی سے گزرا کرتا رہا۔اللہ کی قدرت کہ ایک دن نہ صرف اس کی غریبی دور ہو گئی،بلکہ وہ حکومت کا وزیر بن گیا۔
یہ کیسے ہوا؟یہ ایک عجیب قصہ ہے جو یحییٰ بن ہمیرہ نے خود بیان کیا ہے ۔وہ کہتا ہے کہ میں سخت تنگ دست تھا اور بڑی تنگی ترشی سے زندگی کے دن گزار رہا تھا ۔اس زمانے میں کچھ لوگوں نے اپنے تجربے کی بنا پر مجھے بتایا کہ حضرت معروف کرخی رحمة اللہ علیہ (ایک مشہور بزرگ)کی قبر پر جا کر اکثر دعا قبول ہو جاتی ہے ۔یہ سن کر میں وہاں گیا اور حضرت معروف کرخی ؒ بخشش کے لئے دعا مانگی ،پھر اللہ تعالی ٰ سے اپنی غریبی دور ہونے کی دعا بھی کی۔میں دعا کر کے واپس آ رہا تھا کہ راستے میں ایک ٹوٹی پھوٹی پرانی مسجدنظرآئی میں نے سوچا کہ تھوڑی دیراس مسجد میں بیٹھ کرسستالوں اور دو نفل نماز بھی پڑھ لوں ۔
یہ سوچ کر میں مسجد میں داخل ہوا تو دیکھا کہ ایک بیمار بوڑھا وہاں لیٹا ہوا ہے اور راہ رہا ہے ۔ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس کوسخت تکلیف ہے اور اس کا آخری وقت آ پہنچا ہے میں نے اس سے کہا:’’بابا جی!کوئی چیز کھانے کو جی چاہتا ہو بتلاؤ۔‘‘
اس نے کہا :’’خربوزہ کھانے کو میرا دل بہت چاہ رہا ہے ۔‘‘
میں دوڑ کر بازار گیا اور خربوزہ خرید کر لے آیا۔بوڑھے نے خربوزہ کھایا تو بہت خوش ہوا اور اٹھ کر بیٹھ گیا۔پھر وہ گھسیٹتا ہوا مسجد کے ایک گوشے میں پہنچا اور زمین کھود کر وہاں سے ایک برتن نکالا،جس میں پانچ سودینار (سونے کے سکے )تھے ۔بوڑھے نے یہ دینار برتن سے نکال کر میرے سامنے رکھ دئیے اور کہا:’’پیارے دوست!یہ دینار آپ رکھ لیں ۔آپ انہیں لینے کے حق دار ہیں ۔‘‘
بوڑھے نے آہ بھر کر کہا:’’میرا ایک بھائی تھا۔بڑا پیارا ماں باپ جایا بھائی،لیکن برسوں سے وہ ایسا گم ہوا کہ معلوم نہیں جیتا ہے یا مر گیا ہے ۔میں نے ایک بارسنا تھا کہ وہ مرگیا۔میں رصافہ(عراق کا ایک شہر)کا باشندہ ہوں ۔وہاں سے آنے کے بعد میں نے بھائی کو کبھی نہیں دیکھا۔‘‘
اتنا کہہ کر بوڑھے نے آخری سانس لیا اور فوت ہو گیا۔میں نے اس کے کفن دفن کاکا انتظام کیا اور اس سے فارغ ہو کر دریائے دجلہ کے دوسرے کنارے پر جانے کے لئے گھاٹ پر پہنچا۔پھٹے پرانے کپڑے پہنے ایک ملاح نے مجھ سے کہا کہ چلئے میں آپ کو دریا کے پار لے چلتا ہوں ۔میں اس کی کشتی میں بیٹھ گیا اور اس سے پوچھا:’’تم کہاں کے رہنے والے ہو؟‘ ‘
اس نے کہا :’’رشافہ کا۔لڑکپن ہی میں یہاں آیا تھا اور یہیں آ کر ہوش سنبھالا۔‘‘
میں نے پوچھا:تمہارا کوئی رشتے دار نہیں ؟‘‘
اس نے کہا:’’صرف ایک بھا ئی تھا،مگرسالہا سال سے ا س کا کچھ پتا نہیں ۔‘‘
میں نے غورسے اس کی شکل دیکھی تو وہ مرنے والے بوڑھے جیسا دکھائی دیا ۔میں سمجھ گیا کہ یہی اس کا بھائی ہے ۔‘‘
میں نے اس سے کہا:’’بھائی اپنی چادر کا پلو پھیلاؤ۔‘‘اس نے پلو پھیلایا تو میں نے اس میں بوڑھے کے دئیے ہوئے پانچ سودینارڈال دئیے ۔
وہ حیران رہ گیا اور پوچھا :’’یہ دینار آپ مجھے کیوں دے رہے ہیں ؟‘‘میں نے ساراقصہ اسے سنایا اور اس کو بتایا کہ یہ تمہارے مرحوم بھائی کا مال ہے اور تم ہی اس کے وارث ہو۔‘‘
ملاح نے کہا:’’آدھے تم لے لو۔‘‘
میں نے کہا:’’نہیں بھائی!میرا ان پر کوئی حق نہیں ،یہ سارے دینار تم کو مبارک ہوں ۔‘‘ملاح نے مجھے بہت دعائیں دیں اور دینار رکھ لئے ۔وہاں سے آ کر میں نے شاہی دربار میں نوکری کے لئے عرضی پیش کی ۔اللہ تعالیٰ نے مجھ پر فضل کیا اور عرضی پیش ہوتے ہی مجھے خزانچی مقرر کر دیا گیا۔میں نے بڑی دیانت اور محنت سے کام کیا،یہاں تک کہ ترقی کرتے کرتے وزیر کے عہدے تک پہنچ گیا۔مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اس بات کا انعام دیا کہ میں نے غریب ملاح کواس کا حق پہنچا دیا۔
٭٭٭
عقل مند لڑکی
ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ کسی ملک پر ایک بادشاہ حکومت کرتا تھا۔ ایک مرتبہ اس کے دل میں عجیب سی خواہش پیدا ہوئی۔ اس نے اپنے وزیر سے کہا کہ مجھے پانچ دن میں پتھر کا لباس بنا کے دے دو۔ اگر تم نے لباس نہ لا سکے تو میں تمھیں ماردوں گا ۔ وزیر یہ سن کر ہت پریشان ہوا۔ وزیر کی بیٹی جو بہت عقلمند تھی۔ اس نے اپنے باپ سے پوچھا کہ کیا وجہ ہے جو آپ اتنے خاموش رہتے ہیں ؟ گھر میں بھی کسی سے بات نہیں کرتے ۔ وزیر بولا، بادشاہ نے مجھے پتھر کا لباس بنانے کے لیے کہا ہے اور اگر ایسا نہیں کیا تو وہ مجھے مار ڈالے گا۔ وزیر کی بیٹی یہ بات سن کر خاموش ہو گئی کچھ دیر کے بعد اس نے کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ۔ اگلی صبح اس نے کچھ اینٹیں منگوائیں اور گدھوں پر لاد کر بادشاہ کے محلوں میں حاضر ہوئی۔
اس نے بادشاہ سے درخواست کی کہ بادشاہ صاحب میں اینٹیں لائی ہوں آپ کا لباس سلوانے کے لیے مجھے پتھر کے دھاگے کی ضرورت ہے یہ سن کر بادشاہ ہنس پڑا اور کہنے لگا تو بے وقوف لڑکی بھلا اینٹوں کے دھاگے بن سکتے ہیں ۔ لڑکی نے عرض کی بادشاہ صاحب اگر پتھر کے دھاگے نہیں بن سکتے تو پتھر کا لباس کیسے بن سکتا ہے ۔ یہ سن کر بادشاہ لاجواب ہو گیا۔
٭٭٭
بال بانکا
ایک عورت ایک دن ہمجولیوں کے درمیان
کر رہی تھی اپنے شوہر کی بیاں کچھ خوبیاں
کہہ رہی تھی زور دے کر اس کے فرضی واقعات
سن رہی تھیں غور سے محفل میں ساری ناریاں
جب وہ بولی بال بانکا ان کا ہو سکتا نہیں
سب نے یہ سمجھا کہ عورت کر رہی ہے شیخیاں
اک سہیلی نے یہ پوچھا کر کے لہجہ طنزیہ
کیا بہادر ہیں زیادہ آپ کے شوہر میاں
وہ یہ بولی ہنس کے پیاری کیا کہوں میں آپ سے
بات جو میں کہہ رہی ہوں اس کو سمجھو میری جاں
صرف یہ مطلب ہے میری سیدھی سچی بات کا
اے مری ہمجولیو! ہیں گنجے بے چارے میاں
عادل اسیر دہلوی ٭٭٭
بچپن کی آرزو
دو دوستوں میں گفتگو کا سلسلہ چلا ان میں سے ایک دوسرے سے پوچھنے لگا
پہلا دوست:
پوری ہوئی کبھی کوئی بچپن کی آرزو
آ مل کے کریں آج یہی ایک جستجو
بچپن میں میری آرزو تھی ڈاکٹر بنوں
گر یہ نہ بن سکا تو میں اک ماسٹربنوں
ہر چند کہ میں بن نہ سکا ڈاکٹر جناب
اللہ کے کرم سے ہوں میں ماسٹر جناب
دوسرا دوست:
بچپن میں آرزو تھی بنوں با کمال میں
شاعر ہی بننا چاہتا تھا بے مثال میں
ہر چند شاعری کی تمنا شدید تھی
لیکن اک آرزو مرے دل میں مزید تھی
پوری ہوئی تمنا جوانی میں وہ مری
عبرت کی چیز بھی ہے کہانی میں وہ مری
مجھ کو پکڑ کے مارتا تھا جب بھی کوئی بال
آتا تھا گنجا ہونے کا دل میں مرے خیال
بچپن کی آرزو تو نے رسوا کیا ہے آج
کل بال خوب سرپہ تھے گنجا کیا ہے آج
عادل اسیر دہلوی ٭٭٭
ایک ہاتھی- ایک چیونٹی
پیارے بچو! ایک جنگل میں ہاتھیوں کا ایک جھنڈ رہتا تھا ۔ ان ہاتھیوں میں ایک ہاتھی تھا جس کا نام راجا تھا ۔ راجا بہت بڑا بدمست اور مغرور ہاتھی تھا ۔ وہ اپنے ڈیل ڈول اور اپنی بے پناہ طاقت پر بے حدا تراتا تھا ۔ اسے اپنے آگے سب بو نے نظر آتے تھے ۔ وہ جب چلتا تھا تو ایسے اٹھلا کے چلتا تھا جیسے وہ اس جنگل کا بے تاج بادشاہ ہو ۔ جنگل میں سارے چرندے پرندے اس سے خوف کھاتے تھے ۔ اگر کوئی غلطی سے اس کے سامنے آ جاتا تھا تو وہ اسے پاؤں سے کچل کے رکھ دیتا تھا ۔ جب وہ سویرے سویرے چیختے چنگھاڑتے ہوئے جنگل سے گزرتا تھا رو جنگل کے سارے جانور بد حواس ہو کر اپنے اپنے بلوں میں گھس جاتے تھے ۔ وہ جدھر سے گزرتا تھا ، سارے پیڑ پورے اکھاڑ دیتا تھا ۔ جنگل کے سبھی جانور اس بدمست ہاتھی بڑے دکھی اور پریشان تھے ۔ سبھی جانور اس ہاتھی کے آگے اپنے آپ کو بے بس اور کمزور پاتے تھے ۔ ان سبھی جانوروں کی نظریں شیرجی کی طرف لگی تھیں ۔ ایک دن سب مل کر شیر جی کے پاس چلے گئے اور انھوں کے شیر سے فریاد کی ۔ شیرجو اس جنگل کا بے تاج بادشاہ تھا اور جس کی ایک دہاڑ سے سارا جنگل کانپ اٹھتا تھا ، وہ بھی اس بدمست ہاتھی سے الجھنا نہیں چاہتا تھا کیونکہ وہ بھی اندر ہی اندر اس ہاتھی سے خوفزدہ تھا ۔ اس نے بھی ہاتھی سے دور رہنے میں ہی اپنی خیرو عافیت سمجھ لی۔
راجا اپنی طاقت کے نشے میں اس قدر چور تھا کہ وہ اپنے جھنڈ میں رہنے والے ہاتھیوں پر بھی کبھی کبھی قہر برسانے لگتا تھا ۔ اس کے سامنے کسی بھی ہاتھی کو سونڈ اٹھانے کی آزادی نہ تھی ۔ ہاتھی ہویا ہتھنیاں سب اس کے سامنے سونڈ جھکا کر کھڑی رہتی تھیں ۔ ایک بار ہاتھی کے ایک بچے نے اس کی سونڈ سے کھیلنے کی حماقت کی تو اس نے غصے سے بے قابو ہو کر اس کی جان نکال لی ۔ ایسا موذی تھا وہ ۔ ایک دن پتا نہیں اسے کس بات پر غصہ آیا کہ اس نے جنگل میں اس قدر توڑ پھوڑ کی کہ سیکڑوں پیڑ زمین بوس ہو گئے ۔ بہت سارے جنگلی جانوروں کو گھاس کے لالے پڑنے لگے ۔ وہ یہ علاقے چھوڑ کر ادھر ادھر بھٹکنے پر مجبور ہو گئے ۔کئی جانور بھک مری سے مر گئے ۔ کئی کمزور جانور چٹیل میدان میں آ کر گدھوں اور عقابوں کے قہر کا شکار ہو گئے ۔ ایک بار پھر جنگل کے یہ کمزور جانور ایک جٹ ہو کر شیرجی کے پاس اپنی فریاد لے کر گئے اور رو رو کر اسے اپنا دکھڑا سنایا ۔ شیر آخر کا شیر تھا ۔ اس بار شیر کو بڑا غصہ آیا ۔ اس نے اپنے ساتھیوں کو طلب کیا ۔ بہت دیر تک وہ اس مسئلے پر بہت سنجیدگی سے غور و فکر کرتے رہے ۔ آخر کافی سوچ و بچار کے بعد یہ طے ہوا کہ اس ظالم ہاتھی پر چو طرفہ حملہ کیا جائے اور اسے ہمیشہ کے لئے پست کیا جائے ۔
رات کے وقت شیروں نے راجا پر چاروں اطراف سے حملہ کر دیا ۔ راجا بھی شاطر تھا ۔ اسے اس حملے کا پہلے سے ہی اندیشہ تھا ، اس لیے اس نے شیروں پر ایسا جوابی حملہ کر دیا کہ شیروں کو اپنی جان بچانے کی خاطر دم دبا کر بھاگنا پڑا ۔ دو شیرنیاں تو بری طرح گھائل ہو چکی تھی ۔ ایک شیر کی ٹانگ ٹوٹ چکی تھی ۔ شیروں کے اس طرح سے پست ہونے سے جنگل کے باقی جانوروں میں خوف و ہر اس کی لہر دوڑ گئی ۔ وہ جانتے تھے کہ راجا اتنا ظالم اور کینہ پرور ہے کہ وہ شیروں کے اس حملے کا بدلہ باقی کے جانوروں سے لے سکتا ہے ۔ بہت سارے جانور ڈر کے مارے رو پوش ہو گئے ۔
اسی طرح کئی سال گزر گئے ۔ راجا کے ظلم و جبر میں کوئی کمی نہ آئی ۔ ایک دن وہ جنگل کی طرف اٹھلاتے ہوئے جارہا تھا ۔ راستے میں چیونٹیاں دانے ڈھونڈ رہی تھی ۔ راجا نے ان چیونٹیوں کو اپنے پاؤں سے مسل کر رکھ دیا ۔ سیکڑوں چیونٹیاں جاں بحق ہو گئیں ۔ جتنی چیونٹیاں بچ گئی تھیں وہ اپنے سنگھی ساتھیوں کا یہ حال بد دیکھ کر لرز کر رہ گئیں ۔ ایک چیونٹی جو کافی غصیلی تھی اپنے ساتھیوں کی طرف دیکھ کے بولی :
’’ اس ہاتھی کو اپنی طاقت پر حد سے زیادہ غرور ہے نا ۔ میں اگر اس کے غرور کو مٹی میں نہ ملادیا تو میرا نام بھی چیونٹی نہیں ۔‘‘
ایک چیونٹی جو بڑی دکھی تھی ، یہ سن کر بولی :
’’اتنی بڑی ڈینگیں مارنے سے پہلے اپنی حیثیت تو دیکھ ۔ جس راجا کے نام سے یہ سارا جنگل کانپ اٹھتا ہے ، تم اسے پست کر دو گی ؟ جس راجا سے شیر بھی مات کھا چکا ہے ، اسے تم زیر کر دو گی؟ مجھے تمہاری باتوں پر ہنسی آ رہی ہے ۔ اس سے پہلے کہ وہ موذی پھر سے اس پگڈنڈی پر اپنے منحوس قدم رکھ دے ہمیں یہاں سے جلد از جلد نکل جانا چاہیے ۔ ایسا نہ ہو کہ ہمارا حشر بھی ہمارے ا مرے ہوئے ساتھیوں جیسا ہو ۔‘‘
دوسری چیونٹیاں وہاں سے کھسک گئیں مگر وہ چیونٹی وہاں سے نہ ہٹی جس نے راجا کو سبق سکھانے کا اعلان کیا تھا ۔ شام ہوتے ہی جب سارے ہاتھی واپس لوٹنے لگے تو وہ چیونٹی گھات لگا کر بیٹھی رہی ۔ جوں ہی راجا وہاں سے گزرا تو وہ اس کی پیٹھ پر سوار ہو گئی اور رینگتے رینگتے اس کے کان تک پہنچ گئی اور اس کے کان میں گھس گئی اور اس کو اندر سے کاٹنا شروع کر دیا ۔ راجا پہلے تلملا اٹھا ، پھر وہ غصے سے اپنے پاؤں زمین پر پٹخنے لگا جب درد شدید ہونے لگا تو وہ بے قابو ہر کر زمین پر اپنی سونڈ مارنے لگا ۔ چیونٹی اس کی اس تڑپ اور بد حواسی سے محظوظ ہوئی جا رہی تھی ۔ اس نے اس کے کان کے پردے کو کاٹنا شروع کیا راجا جس کی ایک چنگھاڑ سے سارا جنگل کانپ اٹھتا تھا ، لوٹن کبوتر کی طرح زمین پر لوٹنے لگا اور تب تک درد کی شدت سے اپنا سر زمین پر پٹختا رہا جب تک کہ اس کا دم نہ نکل گیا ۔
بچو ! راجا کے مرنے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی ۔ سارے جانور اپنے بلوں اور ماندوں سے باہر نکل آئے اور راجا کی موت کا جشن منانے لگے ۔ چیونٹی ایک فاتح کی طرح راجا کے کان سے نکل آئی ۔ باقی چیونٹیوں نے اس کا بڑی گرم جوشی سے استقبال کیا اس کہانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں کسی بھی بات پر غرور نہیں کرنا چاہیے کیونکہ غرور کا سر ہمیشہ نیچا ہوتا ہے
٭٭٭
٭٭٭ تشکر: اردو تہذیب ڈاٹ نیٹ تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
دنیا خوبصورت ہے
عطا الحق قاسمی
وہ میرے ساتھ تھی
پھر اس کی مندروں کی گھنٹیوں ایسی آواز نے میرے کانوں میں رس سا گھول دیا۔
تم بہت خوش تھے کہ ملک سے باہر جا رہا ہوں چلو کچھ سن کے لئے اس سے جان چھوٹی مگر میں تمہارا پیچھا چھوڑنے والی نہیں ہوں، تم جہاں بھی جاؤ گے میں تمہارے ساتھ رہوں گی، تم پھول سے خوشبو کو تو جدا نہیں کر سکتے۔
تم مجھ سے کب جدا ہو میرا تو کوئی لمحہ تمہارے خیال سے خالی نہیں میں جب تمہارے ساتھ زمین پر چلتا ہو تو زمین میرے پاؤں کے نیچے پھول بچھا دیتی ہے۔
میں نے اس کے پھول ایسے چہرے کو دونوں ہاتھوں کے حصار میں لیتے ہوئے کہا۔
اس نے اپنی جھیل سی آنکھوں سے لمبی لمبی پلکوں کی جھالر اوپر اٹھائی اس کے چہرے پر حیا کے شفق رنگ ابھرے اور اس نے اپنا ریشم جیسا ہاتھ میرے ہاتھوں پر رکھ دیا۔
بنکاک کی آمد آمد تھی، جہاز میں ایک کھلبلی سی مچ گئی، اس ہنگامے میں وہ ایک بار پھر میری نظروں سے اوجھل ہو گئی جو میری تنہائیوں کو اپنی رفاقتیں سونپ دیتی ہیں، میں نے کھڑکی میں سے نیچے دیکھا تو تھائی لینڈ کی خوبصورت سر زمین کو اپنا منتظر پایا مجھ سے اگلی نشستوں کے مسافر اچھل اچھل کر کھڑکی سے باہر جھانک رہے تھے، وہ شاید رن وے پر بھی بنکاک کے شعلے تلاش کر رہے تھے،ان کا خیال تھا کہ سول ایوی ایشن کا عملہ بھی جہاز کو لینڈ کرانے کی بجائے ہاتھ میں بینر لئے کھڑا ہو گا، بیوٹی فل گرل، اونلی فور ٹین ائیرز اولڈ، پلیز ٹڑائی، لیکن اے بسا آرزو کہ خاک شدہ سول ایوی ایشن کے عملے نے صرف جہاز کو لینڈ کرایا، تھائی لینڈ میں لینڈنگ کے لئے ان مسافروں کو یقیناً ائیر پورٹ سے ہوٹل تک کا سفر اختیار کرنا پڑا ہو گا، کراچی سے بنکاک تک کی پرواز پانچ گھنٹے کی تھی، ہم تھکے ہارے ائیر رپورٹ کی عمارت میں داخل ہوئے جہاں کچھ دیر قیام کرنا تھا تاکہ سنگاپور کے لئے کینٹاس ائیر لائن کی فلائٹ پکڑ سکیں، سنگاپور میں بھی ہمارا قیام صرف ایک رات کے لئے تھا، البتہ آسڑیلیا سے واپسی پر ہم نے تین دن اس شہر میں گزارنا تھے جس کی جھلک میں اس سے پہلے دو دفعہ دیکھ چکا ہوں، لیکن اس پر بھر پور نظر ڈالنے کا موقع واپسی پر ہی ملنا تھا، جب انسان کا پورا دن بھاگ دوڑ میں گزرتا ہے،اور ساری رات جاگ کر گذاری ہو اس کی ذہنی حالت کا اندازہ لگانا مشکل نہیں، سو اس وقت ہم سب تھکے تھکے سے تھے، سوائے قیمو صاحب کئے جو ہمیشہ کی طرح تر و تازہ تھے، اور اب ائیر پورٹ کے ایک کونے میں معمول کی ورزش کا کوٹہ پورا کرنے کھڑے کھڑے پاؤں کو حرکت دے رہے تھے۔
***
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)