دین و مذہب

دو تنقیدی مضامین

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (4,848 الفاظ)

دو تنقیدی مضامین

ڈاکٹر محمد حسین مُشاہد رضوی

اقبالؔ کے تعلیمی نظریات

ڈاکٹر اقبالؔ (۱۸۷۶ء/۱۹۳۸ء)عالمِ اسلام کے عالی دماغ مفکر، فلسفی اور دانش ور شاعر و ادیب گزرے ہیں۔ آپ نے اُمتِ مسلمہ کا ذہن اپنی شاعری کے حوالے سے قرآن کی طرف موڑنے کی سعیِ بلیغ فرمائی ہے۔ اقبالؔ دلِ دردمند رکھتے تھے، مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہا کرتے تھے۔ وہ ایک ماہرِ تعلیم بھی تھے ان کے تعلیمی افکار و نظریات بہت بلند و بالا ہیں۔ پیشِ نظر تحریر میں ایک ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے ڈاکٹر اقبالؔ کے تعلیمی نظریات کا مختصر جائزہ مقصود ہے۔
سائنس اور تیکنالوجی جیسے علومِ جدیدہ کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ یہ علوم و فنون اہلِ یورپ کے ایجاد کردہ ہیں۔ جب کہ حقیقتاً یہ مسلمانوں ہی کا ورثہ ہیں ان علوم کو اہلِ اسلام نے نہ صرف ایجاد کیے بلکہ اس حد تک پہنچا دیا کہ اس سے آگے جانا آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی مشکل ہے اس حقیقت کو اقبالؔ کی زبانی سنیے ؎

حکمتِ اشیا فرنگی زاد نیست اصلِ او جز لذتِ ایجاد نیست

نیک گر بینی مسلماں زادہ است ایں گہرزدستِ ما افتادہ است

ایں پری از شیشۂ اسلافِ ماست باز صیدش کن کہ ازقافِ ماست (مثنوی مسافر)

’’یہ حکمتِ شیا درحقیقت فرنگیوں کی ایجاد کردہ نہیں۔ اس کی اصل تو انسانی سرشت ہے اگر تعصب سے ہٹ کر دیکھیں تو معلوم ہو گا کہ یہ گوہرِ آب دار مسلمانوں کے ہاتھوں سے ہی گرا ہے۔ حکمت کے یہ علوم تو ہمارے علمی کوہِ قاف کی پری ہیں اس لیے ہم کو حق پہنچتا ہے کہ ان کو دوبارہ حاصل کریں۔ ‘‘
چوں کہ جدید علوم و فنون اقبالؔ کے نزدیک مسلمان اسلاف کا ترکہ اور میراث ہیں اس لیے موجودہ دور کے مسلمانوں کو ان علوم کی تحصیل کرنا ضروری ہے۔ اقبالؔ کا ترغیبی انداز خاطر نشیٖن کریں ؎

نائبِ حق در جہاں آدم شود
بر عناصر جمازہ را ما ہارکن
’’انسان دنیا میں اسی وقت نائبِ حق بنتا ہے جب کہ عناصرِ قدرت پر اس کا حکم جاری ہو۔ ‘‘

خویش را بر پشت بادا سوار کن
یعنی جمازہ را ما ہار کن
’’اے مسلمان تو ہوا کی پشت پر سواری کر اس تیز رفتار اونٹ کی نکیل تیرے ہاتھ میں ہونی چاہیے۔ ‘‘

از شعاعش دیدہ کن نا دیدہ را
دانما اسرارِ نا فہمیدہ را
’’اے نوجوان مسلمان ! تو فضائے آسمان کی ایک حقیر ذرۂ روشنی سے چشمِ بینا کو منور کر دے جگمگاتے خورشید کی شعاعوں کو گرفتار کر۔ ‘‘

جستجو را محکم از تدبیر کن
انفس و آفاق را تسخیر کن
’’اپنی جدو جہد کو تدبر سے مستحکم بنا۔ انفس و آفاق کو مسخر کر۔ ‘‘

تو کہ مقصودِ خطابِ اُنظری
پس چرا ایں راہ چوں کوراں بری
’’اے مسلمان!توہی خطابِ الٰہی افلا ینظرون الی الابلِ کیفَ خُلِقت کا مخاطب ہے تجھے تو اشیائے کائنات کی حقیقت و ماہیت پر غور وفکر کی دعوت دی گئی ہے تو پھر کیوں اس راہ میں غور نہیں کرتا۔ ‘‘

آں کہ بر اشیا کمند انداخت است
مرکب از برق و حرارت ساخت است
’’ذرا غور سے سن!جس نے اشیائے کائنات پر کمند ڈالی۔ وہی عناصرِ قدرت برق و باد کا حکمراں ہے وہ ان اشیا کا راکب ہے اور وہ اس کا مرکب۔ ‘‘

علمِ اشیا اعتبارِ آدم است
حکمتِ اشیا حصارِ آدم است
(رموزِ بے خودی)
’’حقیقت کا علم ہی حضرت آدم علیہ السلام کی برتری کاسبب ہے۔ اگر انسان اشیا کے رموز و اسرار سے آگاہی حاصل کر لے تو یہی اشیا اس کے لیے امن کا حصار بن جاتی ہیں۔ ‘‘

ان خیالات و افکار کا اظہار کرنے کے باوجود اقبالؔ نے جدید تعلیم کے نقصان دہ اثرات پر سخت تنقید بھی کی ہے۔ اقبالؔ کی نگاہ میں جدید تعلیم کا ایک نقص یہ ہے کہ وہ نوجوانوں کو بے ادب اور بد تہذیب بنا رہی ہے۔ جدید تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ان بد تمیزیوں کو دیکھ کر اقبالؔ کا دل کڑھتا ہے اور وہ موجودہ تعلیم و تربیت سے بہت زیادہ پشیمان ہو جاتے ہیں ؎

نوجوانے را چوں بینم بے ادب روزِ من تاریک گردد چوں شب

تاب و تب در سینہ افزاید مرا یادِ عہدِ مصطفی آید مرا

از زمانِ خود پشیماں می شوم در قرونِ رفتہ پنہاں می شوم

اقبالؔ اس بات کا برملا اظہار کرتے ہیں کہ جدید تعلیم نے ملّتِ اسلامیہ کے نوجوانوں کو حق و صداقت بیان کرنے سے بھی روک دیا ہے۔ آج کا نوجوان سچائی کے اظہار سے کوسوں دور ہوتا جا رہا ہے ؎

گلا تو گھونٹ دیا اہلِ مدرسہ نے ترا کہاں سے آئے صدا لا الٰہ الّا اللہ

جدید تعلیم نے نوجوانوں کے قلوب و اذہان سے ایمان و یقین کی دولت نکال لی ہے اور وہ نا امیدی و مایوسی کے باعث تاریکیوں میں در بدر بھٹک رہے ہیں ؎

جواناں تشنہ لب خالی ایاغ شیشہ رُوٗ، تاریک جاں، روشن دماغ

کم نگاہے بے یقیں و نا امید چشم شاں اندر جواں چیزے ندید (جاوید نامہ)

اقبالؔ کے نزدیک جدید تعلیم نے نوجوانوں کو احساسِ کمتری میں مبتلا کر دیا ہے۔ حالانکہ اقبالؔ کا نوجوان شاہین زادہ ہے۔ لیکن اب یہ راہ و رسمِ شاہبازی سے بے خبر اور عقابی روح سے ناآشنا ہو گیا ہے تو آخر کیوں ؟اور یہ شاہین زادہ کرگس بنا تو کیوں ؟ اقبالؔ اس کا سبب تلاش کرتے ہیں ؎

وہ فریب خوردہ شاہین جو پلا ہو کرگسوں میں
اسے کیا خبر کہ کیا ہے رہ و رسمِ شاہبازی؟

اقبالؔ کے نزدیک اس کا سبب جدید تعلیم کے ذریعہ مادّیت کا فروغ و ابلاغ ہے۔ وہ جدید تعلیم میں اساتذہ کے منفی کردار کا تذکرہ کتنے تاسُّف بھرے لب و لہجے میں کرتے ہیں۔ اسے خاطر نشین کریں ؎

شکایت ہے مجھے یارب خداوندانِ مکتب سے
سبق شاہین بچوں کو دے رہے ہیں خاک بازی کا

جدید تعلیم اور اس کے متعلقات نے مسلم نوجوانوں کو انگریزوں کی غلامانہ ذہنیت میں اس طرح جکڑ کر رکھ دیا ہے کہ اس کا ظاہری وجود درحقیقت صرف قالب بن کر رہ گیا ہے جو قلبِ گداختہ سے خالی ہے اور جامعات کی اس تعلیم نے نوجوانوں کو مردہ لاش میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے ؎

گرچہ مکتب کا جواں زندہ نظر آتا ہے
مردہ ہے مانگ کے لایا ہے فرنگی سے نَفَس

جدید تعلیم کے مقاصد میں کہا گیا تھا کہ اس سے آراستہ ہو کر تعلیم یافتہ طبقہ معاش کا ذریعہ بآسانی پیدا کر لے گا اقبالؔ کی نظر میں یہ مقصد انگریزوں کی غلامی کو اور زیادہ مضبوط اور دیرپا کرنے کا سبب ہو گا ؎

وہ علم نہیں زہر ہے احرار کے حق میں
جس علم کا حاصل ہو جہاں میں دو کفِ جَو

جدید تعلیم کی ’’برکات‘‘ نے ’’جان‘‘ بھی ’’گردِ غیر‘‘ اور’’ دل‘‘ بھی ’’گردِ غیر‘‘ کی کیفیت پیدا کر دی۔ اقبالؔ یہ دیکھ کر تڑپ اٹھے ؎

بہ طفلِ مکتبِ ما ایں دعا گفت پَے نانے بہ بندِ کس می افتاد

بتایا گیا ہے کہ جدید تعلیم سے روشن خیالی اور آزادیِ ضمیر حاصل ہو گی۔ مگر اقبالؔ کا تجربہ ہے کہ یہ روشن خیالی درحقیقت نا پختہ ذہنی، دینی عقائد سے بیزاری اور الحاد و زندقہ کی طرف پیش قدمی ہے ؎

خوش تو ہیں ہم بھی جوانوں کی ترقی سے مگر
لبِ خنداں سے نکل جاتی ہے فریاد بھی ساتھ

ہم سمجھتے تھے کہ لائے گی فراغت تعلیم
کیا خبر تھی کہ چلا آئے گا الحاد بھی ساتھ

الغرض جدید تعلیم کہ جس کے تانے بانے مادّیت پر بُنے گئے ؛ اقبالؔ کے نزدیک حقیقتاً مسلمانوں کے خلاف ایک گہری سازش ہے۔ تعلیم کے حسین پردے میں نوجوانوں کو بے یقینی، لادینیت اور الحاد و زندقہ کی تاریک وادی میں چھوڑنا تھا۔ چنانچہ اقبالؔ فرماتے ہیں ؎

اور یہ اہلِ کلیسا کا نظامِ تعلیم!
ایک سازش ہے فقط دینِ مروّت کے لئے

علم جو کہ بذاتِ خود منبعِ خیر و قوت ہے۔ مظہرِ جبریل ہے لیکن اب جدید تعلیم سے ع
شر و قہر کا مرکز اور ابلیس بنا
اسی مضمون سے ہم آہنگ اقبالؔ کا ایک شعر خاطر نشین کریں ؎

علم از رسوا است اندر شہر و دشت جبرئیل از صحبتش ابلیس گشت

اقبالؔ کی نگاہ میں وہ علم جس میں عشق کا امتزاج نہ ہو؛ ناپسندیدہ ہے، وہ اُس علم کے مداح ہیں جس میں عشق کا امتزاج ہو اور جس کا خمیر عشق میں گوندھا گیا ہو، شعر نشانِ خاطر ہو ؎

علم بے عشق است از طاغوتیاں علم با عشق است از لاہوتیاں

گویا علمِ با عشق مشرف باسلام ہے۔ اس کی ضیا پاشیوں سے جہاں منور و تابندہ ہے۔ دل زندہ اور روح صاف و شفاف ہے۔ اور علمِ بے عشق اسلام سے دور، طاغوت کا وجود، بے حرماں و بے نصیب ہے۔ اس سے دل تاریک اور جسم غلام ہوتا ہے عالِم اپنی وسعت و فراخیِ علم کے با وصف اگر اسلام کے تابع نہ ہو تو وہ شیطان ہے، اسے بولہبی نہیں بلکہ مصطفوی ہونا از حد ضروری ہے۔ اس کے لیے یہ فرض ہے کہ اس کی زنبیلِ علم کے تمام تر علوم و فنون قرآنی ہدایات کے تابع ہوں نہ کہ اس کو اپنے تابع بنائیں۔ جب تک قرآن، علوم پر حاکم نہ ہو گا۔ علوم مسلمان نہ ہوں گے۔ اس حقیقتِ مبین کو اقبالؔ نے کس خوبی سے بیان کیا ہے۔ خاطر نشین فرمائیں ؎

خوشتر آں باشد مسلمانش کنی کشتۂ شمشیرِ قرآنش کنی

سیکولر اور لا مذہبی تعلیم نے اسلامی قومیت کی بقا اور نشو و نما کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ اقبالؔ موجودہ تعلیمی تحریکات کو مسلم قومیت کی تشکیل کے لیے مضر تصور کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ایک ایسا عظیم الشان تعلیمی نظام قائم کیا جائے جو ایک طرف تو افراد میں اسلامی شعور بیدار کرے تو دوسری طرف سیکولر اور لا مذہبی نظامِ تعلیم کے منفی اثرات کا سدِ باب کرے۔ وہ راقم ہیں :
’’اخلاق و مذہب کے اصول و فروع کی تلقین کے لیے موجودہ زمانہ کے واعظ کو اقتصادیات اور عمرانیات کے حقایقِ عظیمہ سے آشنا ہونے کے علاوہ اپنی قوم کے لٹریچر اور تخیل میں پوری دسترس رکھنی چاہیے۔ ‘‘(اقبالؔ اور مسئلۂ تعلیم، ص ۲۳۹)
سیکولر تعلیم خواہ یہ مکتب کی تعلیم ہویا کالج کی اقبالؔ کے نزدیک اسلامی قومیت کی تشکیل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ سیکولر تعلیم سے قومیت کا مفہوم وہ بن جاتا ہے جسے اہلِ مغرب نے نہ صرف قبول کیا بلکہ اس کی اشاعت و تشہیر میں پوری صلاحیتیں صرف کر دیں یہ تصورِ قومیت، وطن، نسل، رنگ، زبان کے اجزائے ترکیبی سے نشو و نما پاتا ہے۔ حالانکہ اسلام انھیٖں امتیازات کو مٹانے آیا ہے۔ بدقسمتی سے دارالعلوم دیوبند کے صدر معلم مولوی حسین احمد ٹانڈوی نے جب اسلامی قومیت کا ناطہ وطن سے جوڑا تو اقبالؔ سراپا احتجاج بن کر یوں گویا ہوئے کہ ؎

عجم ہنوز نداند رموزِ دیں ورنہ ز دیوبند حسین احمد ایں چہ بولعجبی ست

سروٗد بر سرِ منبر کہ ملّت از وطن است چہ بے خبر زمقامِ محمدِ عربی ست

بمصطفیٰ برساں خویش را کہ دیں ہمہ اوست اگر باو نرسیدی تمام بولہبی ست

اقبالؔ تحقیق و جستجو کے متلاشی ہیں ان کے نزدیک تحقیق سے قوموں کا وجود ہے مگر مغربی محققین جنہیں ہم مستشرقین کہتے ہیں، ان کی تحقیق سے ناراض ہیں وہ یہ سمجھتے ہیں کہ مستشرقین تحقیق کے پردے میں اپنے سیاسی، سماجی، تعلیمی اور تبلیغی مقاصد کو بروئے کار لانا چاہتے ہیں، اقبالؔ لکھتے ہیں :
’’میں یورپین مستشرقین کا قائل نہیں، کیوں کہ ان کی تصانیف سیاسی پروپیگنڈہ یا تبلیغی مقاصد کی تخلیق ہوتی ہیں۔ ‘‘(اقبالؔ نامہ، حصہ اوّل، مرتبہ:شیخ عطاء اللہ)
اقبالؔ کی نظر میں تعلیمِ نسواں کی بھی اہمیت ہے۔ مگر وہ اس میں بھی اعتدال کے قائل ہیں۔ ان کے نزدیک عورتوں کی تعلیم اس طرز کی ہونی چاہیے جو انھیں اپنے فرایضِ منصبی سے آگاہ کر دے، چراغِ محفل کی بجائے چراغِ خانہ بنا دے، عورتوں کی تعلیم میں دین کی تعلیم بنیادی اور ابتدا سے ہی ہونی چاہیے، ضربِ کلیم کا قطعہ خاطر نشین ہو جس کا عنوان ہے ’’عورت اور تعلیم‘‘ ؎

تہذیبِ فرنگی ہے اگر مرگِ امومت ہے حضرتِ انساں کے لیے اس کا ثمر موت

جس کی علم کی تاثیر سے زن ہوتی ہے نازن
کہتے ہیں اسی علم کو اربابِ نظر موت

بے گانہ رہے دیں سے اگر مدرسۂ زن ہے عشق و محبت کے لیے علم و ہنر موت

تعلیمِ نسواں کے متعلق اقبالؔ نے جو کچھ اشعار کی صورت میں پیش کیا ہے اس کا خلاصہ ان ہی کی نثر میں نشانِ خاطر فرمائیں :
’’ایک قوم کی حیثیت سے ہمارے استحکام کا انحصار مذہبی اصولوں کو مضبوطی کے ساتھ پکڑے رہنے پر ہے جس لمحہ یہ گرفت ڈھیلی پڑ جائے گی۔ ہم کہیں کے نہیں رہیں گے شاید ہمارا حشر یہودیوں جیسا ہو جائے ؛ تو پھر ہم اس گرفت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے کیا کرسکتے ہیں ؟ کسی قوم میں مذہب کا ’محافظِ خاص کون ہوتا ہے ؟عورت اور صرف عورت‘اس لیے مسلمان عورت کو عمدہ، معتبر دینی تعلیم ملنی چاہیے کیوں کہ وہی فی الواقع قوم کی معمار ہے۔ میں مطلقاً آزاد طریقۂ تعلیم کا قائل نہیں دیگر تمام امور کی طرح طریقۂ تعلیم کا تعین بھی ایک قوم کی ضروریات کے ماتحت ہونا چاہیے۔ ہمارے مقاصد کے لیے لڑکیوں کی دینی تعلیم کافی ہے۔ ‘‘(اقبالؔ نامہ، حصہ اوّل)
ڈاکٹر اقبالؔ کی نثر و نظم کے حوالے سے اقبالؔ کے تعلیمی نظریات کا یہ مختصر سا جائزہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اقبالؔ کے تعلیمی افکار و نظریات کی بنیاد اسلامی افکار و نظریات اور امتِ مسلمہ کے استحکام و بقا پر مبنی ہے۔ ان کے نزدیک تعلیم و تربیت کے ذریعہ اسلامی اصولوں اور اسلامی قومیت کی نشوونما اور تبلیغ و تحفظ ہے۔ اقبالؔ نے مغربی طریقۂ تعلیم کو ملّتِ اسلامیہ کے لیے مضر قرار دیا ہے۔ اسی طرح ان کے نزدیک عورتوں کو تعلیم دینا بھی ضروری ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اسلامی قومیت اور اصولوں کے استحکام اور تبلیغ و اشاعت کے لیے عورتوں کو دینی تعلیم دینا ہمارے مقاصد کی تکمیل کے لیے از بس ضروری ہے۔
(روزنامہ اردو ٹائمز، ممبئی، ج ۶، شمارہ۱۳۱، جمعہ ۱۳؍مئی۲۰۰۵ء/۴؍ربیع الآخر۱۴۲۶ھ)
٭٭٭

مجاہدِ جلیل
علامہ فضلِ حق خیر آبادی اور مرزا غالبؔ کے دیرینہ تعلقات پر اک نظر

دارالسلطنت دہلی زمانۂ قدیم سے ہی علم و فن اور شعر و ادب کا گہوارہ رہا ہے۔ مغلیہ حکومت کے اخیر دور میں انقلاب ۱۸۵۷ء سے قبل دہلی کی علمی و ادبی دنیا میں جن حضرات کا غلغلہ بپا تھا ان میں علامہ فضل حق خیر آبادی(م۱۲۷۸ھ)، مفتی صدر الدین آزردہؔ(م۱۲۸۵ھ)، مرزا اسدا للہ خان غالبؔ(م ۱۲۸۵ھ) اور حکیم مومن خان مومنؔ(م) کا شمار صفِ اول کے ممتاز ترین شعرا و ادبا میں ہوتا ہے۔ ’’غالبؔ نام آورم ‘‘ کے مصنف نادمؔ سیتا پوری لکھتے ہیں :
’’انقلاب سنہ ستاون سے پہلے دہلی کی ادبی فضا جن عناصرِ اربعہ سے ترتیب پا رہی تھی وہ یہی چار ہستیاں تھیں۔ مولانا خیر آبادی، مفتی صدر الدین آزردہؔ، مرزا غالبؔ اور حکیم مومنؔ۔ ‘‘(ص ۸۱)
متذکرہ بالا ہستیوں میں علامہ فضل حق خیر آبادی، مفتی صدر الدین آزردہؔ اور مرزا اسدا للہ خان غالبؔ کے مابین بہت گہری دوستی اور الفت و محبت تھی۔ خصوصاً علامہ فضل حق خیر آبادی اور مرزا غالبؔ کے تعلقات انتہائی پُر خلوص اور نہایت گہرے تھے۔ علامہ فضل حق خیر آبادی کے علم و فضل کا پایہ بہت بلند و بالا تھا آپ کی شخصیت حکمت و دانش کے اعتبار سے یگانۂ روزگار تھی۔ آپ اپنے عہد کے مرجع العلما و الادبا تھے۔ سر سید احمد خان علامہ فضل حق خیر آبادی سے سیاسی و دینی لحاظ سے مختلف الخیال اور جدا جدا عقیدہ رکھتے تھے لیکن ملاحظہ فرمائیے کہ سر سید کے ذہن و قلب پر علامہ فضل حق خیر آبادی کی حکمت و دانش کے اثرات کتنے گہرے تھے :
’’جمیع علوم و فنون میں یکتائے روزگار ہیں اور منطق و حکمت کی تو گویا انھیں کی فکرِ عالی نے بِنا ڈالی ہے بارہا دیکھا گیا ہے کہ جو لوگ اپنے آپ کو یگانۂ فن سمجھتے تھے جب ان کی زبان سے ایک حرف سنا، دعوائے کمال کو فراموش کر کے نسبتِ شاگردی کو اپنا فخر سمجھا، بایں کمالات علم و ادب میں ایسا عَلمِ سرفرازی بلند کیا ہے کہ فصاحت کے واسطے ان کی شستۂ محضر عروجِ معارج ہے اور بلاغت کے واسطے ان کی طبعِ رسا دست آویز بلندیِ معارج ہے۔ سحبان کو ان کی فصاحت سے سرمایۂ خوش بیانی اور امراء القیس کو ان کے افکارِ بلند سے دست گاہِ عروج و معانی، الفاظ پاکیزہ ان کے رشکِ گوہر، خوش آب اور معانی رنگین ان کے غیرتِ لعلِ ناب، سرو ان کی سطورِ عبارت کے آگے پابہ گِل، اور گُل ان کی عبارتِ رنگیں کے سامنے خجل، نرگس ان کے سواد سے نگاہ ملا دیتی۔ مصحفِ گل کے پڑھنے سے عاجز نہ رہتی۔ اور سوسن اگر ان کی عبارتِ فصیح سے زبان کو آشنا کرتی، صفتِ گویائی سے عاری نہ ہوتی۔ ‘‘(آثار الصنادیدص ۲۸۱)
علامہ فضل حق خیر آبادی کے علم و فضل کا سکہ اس زمانے میں آپ کے ہم عصروں پر بیٹھا ہوا تھا۔ آپ تمام علمی و ادبی شخصیتوں کے مرکز و محور کی حیثیت رکھتے تھے۔ مرزا اسداللہ خان غالبؔ کی شعر گوئی کا طرز سب سے جداگانہ اور نرالا تھا۔ طبیعت انتہائی مشکل پسند واقع ہوئی تھی۔ اس عہد کے جید علما و فضلا کی بابرکت صحبت نے غالبؔ کی قابلیت و لیاقت میں چار چاند لگا دئیے تھے۔ روزانہ کی باہمی مجالست میں دورانِ گفتگو دقیق، مشکل اور فصیح و بلیغ الفاظ استعمال ہوتے تھے۔ جملوں کی نئی نئی تراکیب، نئی نئی بندشیں پیدا ہوتی رہتی تھیں۔ مرزا غالبؔ جب شعر کہنے بیٹھتے تو اِنہیں مجالس و محافل کا خیال دامن گیر رہتا۔ وہ یہی سمجھتے تھے کہ میرے اشعار کے مخاطب یہی باکمال حضرات ہیں۔ تحسین و آفرین اور داد و دہش کی توقع بھی انھیں سے ہوتی تھی اسی لیے مرزا غالبؔ اپنے اشعار میں نئی نئی تراکیب اور مشکل و دقیق الفاظ کے استعمال کے لیے ایک طرح سے مجبور بھی تھے۔
مفتی صدر الدین آزردہ، ؔ مرزا غالبؔ کے اسی رویّے کے سبب بہت ناخوش رہا کرتے تھے اورایسے مشکل اور دقیق اشعار سے آپ کی طبیعت میں تکدر پیدا ہو جاتا تھا جس کا اظہار مفتی صدر الدین آزردہؔ، غالبؔ کی موجودگی میں برملا کر دیتے تھے۔ لیکن غالبؔ، آزردہؔ کی اس روش کی بالکل پروا نہ کرتے تھے۔ لیکن جب علامہ فضل حق خیر آبادی مجلس میں شریک ہونے لگے اور غالبؔ کی غزلوں کو سننے اور دیکھنے کا موقع میسر آیاتو آپ نے مرزا غالبؔ کو بے حد سمجھایاکہ یہ اشعار عام لوگوں کی فہم سے ماورا ہیں۔ اس مشکل روش کو ترک کر کے آسان اور سہل روش کو اختیار کیا جائے چنانچہ علامہ فضل حق کے کہنے پر غالبؔ بہت پریشان ہوئے۔ اس داستان کو مولوی محمد حسین آزادؔ کی زبانی سنیے موصوف لکھتے ہیں :
’’مولوی فضل حق صاحب فاضلِ بے عدیل تھے۔ ایک زمانے میں دہلی میں سر رشتہ دار تھے اس عہد میں مرزا خاں کوتوال تھے وہ مرزا قتیلؔ کے شاگرد تھے۔ نظم و نثر فارسی اچھی لکھتے تھے۔ غرضیکہ یہ دونوں باکمال مرزا صاحب کے دلی دوست تھے۔ ہمیشہ باہم دوستانہ جلسہ اور شعر و سخن کے چرچے رہتے تھے انھوں نے اکثر غزلوں کو سنا اور دیوان کو دیکھا تو مرزا صاحب کو سمجھایا کہ یہ اشعار عام لوگوں کی سمجھ میں نہ آئیں گے۔ مرزا صاحب نے کہا جو کچھ کر چکا اب تدارک کیا ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خیر ہوا سو ہوا انتخاب کرو اور مشکل شعر نکال ڈالو۔ مرزا صاحب نے دیوان حوالے کر دیا۔ یہ دونوں صاحبوں نے دیکھ کر انتخاب کیا۔ وہ یہی دیوان ہے جو آج عینک کی طرح لوگ آنکھوں سے لگائے پھرتے ہیں۔ ‘‘ (آبِ حیات ص ۵۱۲)
اس عبارت سے یہ واضح ہوتا ہے کہ موجودہ دیوانِ غالبؔ، علامہ فضل حق خیر آبادی کا انتخاب فرمودہ ہے۔ اس بات کی تصدیق الطاف حسین حالیؔ کی اس عبارت سے بھی ہوتی ہے، حالیؔ لکھتے ہیں :
’’مولوی فضل حق کی تحریک سے انھوں نے اپنے اردو کلا م میں جو اس وقت موجود تھا دو ثلث کے قریب نکال ڈالا اور اس کے بعد اس روش پر چلنا بالکل چھوڑ دیا۔ ‘‘(یادگارِ غالبؔ ص ۲۰۱)
مرزا غالبؔ نے علامہ فضل حق خیر آبادی کی اسی تفہیم سے متاثر ہو کر یہ رباعی کہی تھی ؎

مشکل ہے زبس کلام میرا اے دل
سُن سُن کے اسے سخن ورانِ کامل
آسان کہنے کی کرتے ہیں فرمایش
گویم مشکل و گر نگویم مشکل

علامہ فضل حق خیر آبادی کی سخن فہمی اور نکتہ پروری کا اندازہ اس واقعہ سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔ حالیؔ لکھتے ہیں :
’’مرزا کے ایک فارسی قصیدے کی تشبیٖب کا شعر ہے ؎

ہمچناں در تتق غیب ثبوتے دارند بوجودے کہ نداند ز خارج اعیاں

مرزا صاحب نے خود مجھ سے کہا کہ میں نے ’ثبوتے ‘ کی جگہ ’نمودے ‘ لکھا تھا۔ مولوی فضل حق کو جب شعر سنایا تو انھوں نے کہا کہ اعیانِ ثابتہ کے لیے نمود کا لفظ نامناسب ہے اس کی جگہ ثبوت بنا دو۔ چنانچہ طبعِ ثانی میں بجائے ’نمود‘ کے ’ثبوت‘ بنا دیا ہے۔ ‘‘(یادگارِ غالبؔ ص ۷۹)
حالیؔ کی مذکورہ بالا عبارت پر تبصرہ کرتے ہوئے مولانا عبد الشاہد خاں شیروانی(تلمیذِ رشید علامہ خیر آبادی)یوں رقم طراز ہیں :
’’اہلِ علم جانتے ہیں کہ اس اصلاح سے فلسفیانہ اصطلاح کے مطابق شعر کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔ مرزا کو ایسے باریک بینوں اور بال کی کھال نکالنے والوں سے سابقہ تھا۔ یہی وجہ تھی کہ موصوف کو اپنے لیے نئی راہ نکالنی پڑی اور دشواریوں میں مبتلا ہو کر ’گویم مشکل وگر نہ گویم مشکل‘ کہنا پڑا۔ ‘‘(الثورۃ الہندیہ، اردو ترجمہ ص ۱۵۹)
ان مثالوں کے علاوہ اور بھی بہت ساری مثالیں ’’یادگارِ غالب، غالبؔ نام آورم‘‘ جیسی کتب میں مرزا غالب کے اور علامہ فضل حق خیر آبادی کے دیرینہ تعلقات کے بارے میں موجود ہیں۔
علامہ فضل حق خیر آبادی اور مرزا غالبؔ کے درمیان خط و کتابت تواتر کے ساتھ جاری تھی یہی نہیں بلکہ غالبؔ، علامہ کی خدمت میں اپنا فارسی کلام دادو تحسین اور نظرِ ثانی کے لیے ارسال کیا کرتے تھے۔ چنانچہ غالبؔ نے ایک خط میں علامہ کو خط نہ بھیجنے کی شکایت لکھی ہے اور ایک قصیدہ جو حمد میں عرفیؔ کے قصیدے پر لکھا ہے خط کے ساتھ بھیجا ہے اور اس پر داد چاہی ہے، غالبؔ لکھتے ہیں :
’’سبحان اللہ! باآنکہ از فرامش گشتگان ام، ودانم کہ دوست دوست مرا بہ دو جَو بلکہ بہ نیم خَس بر نگیرد۔ ہر گاہ بسازدادن آہنگ گلہ روئے آرم و سنجم کہ ایں پردا(یعنی نغمہ)را بے پردا(بے تکلف)می توانم سرود، از قہر مان اندیشہ دور بائے شَے (یعنی امتناعی)درمیاں نیست، ہر آئینہ بدیں شادمانی کہ ہنوزم بادوست روئے سخنے ہست۔ آنچناں بر خویشتن می بالم کہ غم جاں گداز فراموشی فراموش، و الب از زمزمۂ کہ دل دربند سرودن آنست(یعنی شکایت)خاموش میگردد ؎

از خویشتن بہ ذوقِ جفا با تو ساختیم بامادگر ساز کہ مابا تو ساختیم

دریں روز ہوائے آں در سر افتاد کہ بیتے چند در توحید مجیباً لعُرفی گفتہ آید۔ چوں کوشش اندیشہ بجائے رسید کہ نہ عُرفی رامحل ماند و نہ مرا جائے۔ ناگزیرآن ابیات را بر کسے عرضہ میدارم کہ چوں من صدو چوں عُرفی صد ہزار را بہ سخن پرورش تواند کرد، وپایۂ ہر یک تواند نمود۔ والسلام۔ ‘‘(یادگارِ غالبؔ ص ۳۶۵)
اس خط سے پتہ چلتا ہے کہ غالبؔ کی نظر میں علامہ فضل حق خیر آبادی کی سخن فہمی اور نکتہ پروری کی کتنی اہمیت تھی، نیز یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ مرزا غالبؔ کی شاعری علامہ فضل حق کی توجہ و التفات کی کس قدر رہینِ منت تھی۔
مرزا غالبؔ پر علامہ خیر آبادی کی علمی وادبی شخصیت کے اثرات کا ذکر دیگر کتب میں بھی تسلسل سے کیا گیا ہے۔ مالک رام، ذکرِ غالبؔ میں تحریر کرتے ہیں :
’’اگر مولوی فضل حق اور ان کے رفقا کی صحبت کا فقط اتنا ہی اثر ہوتا کہ وہ (غالبؔ)شاعری میں اپنی غلط رو ش کو چھوڑ کر ایک معتدل راہ پر آ جائے تو یہ بھی کچھ معمولی بات نہیں تھی مگر اس سے بھی زیادہ قابل قدر کام غالبؔ کی ’اخلاقی اصلاح‘ کا ہوا۔ ‘‘(ذکرِ غالبؔ ص ۴۳)
علاوہ ازیں معروف مؤرخ شیخ محمد اکرام لکھتے ہیں :
’’مولوی فضل حق، غالبؔ کے سب سے بڑے محسن اور محب تھے، انھوں نے نہ صرف مرزا کی شعر وسخن کے میدان میں رہِ نمائی کی جوان کا اصل دائرۂ عمل تھا بلکہ ان کی مالی مشکلات دور کرنے کی بھی کوشش کی۔ ‘‘(غالب نامہ ص۵۴)
مرزا غالبؔ بڑے بڑوں کو خاطر میں نہیں لاتے تھے لیکن ان کے دل میں علامہ فضل حق خیر آبادی کے لیے بڑے ہی ادب و احترام کا جذبہ موجزن تھا۔ چنانچہ اردو کے نام ور محقق محی الدین قادری زورؔ لکھتے ہیں :
’’جن(غالبؔ) کی نظروں میں بڑے بڑے شعرا و علما نہیں جچتے تھے مولانا خیر آبادی کی بڑی تعظیم اور عزت کرتے تھے۔ چنانچہ جب و ہ دہلی سے سررشتہ داری عدالت چھوڑ کر جانے لگے تو مرزا نے ’آئینۂ سکندر‘ میں اشاعت کے لیے ایک تحریر بھیجی جس کا آخری جملہ یہ ہے ؛ ’حقّا کہ اگر پایہ علم و فضل و دانش و بینش مولوی فضل حق آں بامایہ بکاہند کہ ازیں صدیک داماند و باز آں پایہ را بہ سر رشتہ داری عدالت دیوانی سنجتہ ہنوز یں عہدہ دوں مرتبہ ولے خواہد بود‘۔ ‘‘(سرگذشتِ غالبؔ ص ۵۹)
اس تاریخی حقیقت سے ہر اہل فہم اور ذی علم واقف ہے کہ سرزمین ہندوستان کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرانے کی تحریک کے قائدِ اعظم کی حیثیت علامہ فضل حق خیر آبادی ہی کو حاصل ہے۔ چند متعصب مورخین کو چھوڑ کر ہر کوئی اس بات پر متفق ہے کہ علامہ ہی کی ذات وہ پہلی شخصیت ہے جس نے انگریزوں کے خلاف علَمِ جہاد بلند کرنے کا فتوا صادر فرمایا اور جس کے نتیجے میں سرزمین ہند کے مختلف بلاد و امصار میں انگریزی حکومت کے خلاف بغاوت و شورش برپا ہوئی جسے ہم ۱۸۵۷ء کی پہلی جنگِ آزادی کے نام سے جانتے ہیں۔ علامہ فضل حق خیر آبادی کو اس زمانے میں گرفتار کر کے ان پر انگریزی حکومت سے بغاوت کرنے کی پاداش میں جزائرِ انڈومان سزائے کالا پانی کے طور پر بھیج دیا گیا۔ علامہ فضل حق خیر آبادی کی اس قید و بند کی صعوبتوں کے دوران جب کہ آپ دہلی سے بہت دور جلاوطنی کی زندگی گذار رہے تھے، غالبؔ کے ذہن و قلب پر آپ کی یاد تازہ ہی رہی اور گاہے بگاہے علامہ کا ذکر غالبؔ اپنے خطوط میں کیا کرتے تھے۔ چنانچہ شیخ محمد اکرام لکھتے ہیں :
’’(غالبؔ ) نے انہی کی نسبت یوسف مرزا کے نام ایک خط میں لکھا ؛ مولانا کا حا ل کچھ تم سے مجھ کو معلوم ہوا، کچھ مجھ سے تم معلوم کرو، مرافعہ میں حکم دوام حبس بحال رہا، بلکہ تاکید ہوئی کہ جلد دریائے شور (کالا پانی)کی طرف روانہ کرو۔ ‘‘(غالبؔ نامہ ۱۴۰)
علاوہ ازیں اکتوبر ۱۸۶۱ء کے خط میں منشی داد خان سیاحؔ کو غالبؔ لکھتے ہیں :
’’ہاں خان صاحب!آپ جو کلکتہ پہنچیں اور سب صاحبوں سے ملیں، تو مولوی فضل حق کا حال اچھی طرح سے دریافت کر کے مجھ کو لکھیں کہ اس نے رہائی کیوں نہ پائی اور وہاں جزیرے میں اُس کا کیا حال ہے؟‘‘(غالبؔ نامہ ۱۴۱)
جب جزیرۂ انڈومان میں غریب الوطنی کے عالم میں اسیرِ زنداں، مجاہدِ جلیل علامہ فضل حق خیر آبادی وصال فرما گئے تو مرزا غالبؔ کو کتنا گہرا صدمہ اور رنج و غم پہنچا اس کا اندازہ غالبؔ کے اس خط سے لگایا جا سکتا ہے جو غالبؔ نے علامہ کے سانحۂ ارتحال پر شیخ عبد اللطیف بلگرامی کو تحریر کیا تھا، ذیل میں اُس خط کا اقتباس خاطر نشین کریں :
’’کیا لکھوں اور کہوں ؟نور آنکھوں سے جاتا رہا اور دل سے سرور، ہاتھ میں رعشہ طاری ہے۔ کان سماعت سے عاری ہے ؎

عتابِ عروساں در آمد بجوش صراحی تہی گشت و ساقی خموش

فخرِ ایجاد و تکوین مولانا فضل حق ایسا دوست مر جائے غالب نیم مردہ، نیم جاں رہ جائے ؎

مرتے ہیں آرزو میں مرنے کی موت آتی ہے پر نہیں آتی

آگے آتی تھی حالِ دل پہ ہنسی
اب کسی بات پر نہیں آتی‘‘
(ماہ نامہ اردوئے معلی، علی گڑھ، دسمبر۱۹۰۷ء، ص ۳۲)

جنگِ آزادیِ ہندوستان کے مجاہدِ اعظم علامہ فضل حق خیر آبادی اور مرزا غالبؔ کے دیرینہ تعلقات و مراسم پر اس اجمالی جائزے سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ مرزا اسداللہ خان غالبؔ کہ جن کی نظروں میں بڑے بڑے علما و شعرا و ادبا نہیں جچتے تھے وہ علامہ فضل حق خیر آبادی کی بہت قدر و منزلت اور عزت و احترام کیا کرتے تھے۔ علامہ کی وفاتِ حسرت آیات پر غالبؔ نے جس درجہ گہرے رنج و غم کا اظہار کیا تھا اس سے بھی یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مرزا غالبؔ کے ذہن و قلب پر علامہ کے فضل و کمال اور دانش و بینش کی کتنی گہری چھاپ تھی۔ غالبؔ، علامہ کے بڑے قدر داں تھے۔ علامہ نے بھی غالبؔ کے طرزِ سخن کی اصلاح کے ساتھ ساتھ اس کی ’’اخلاقی اصلاح‘‘ کا کام بھی انجام دیا اور برے اوقات اور عسرت و تنگ دستی کے دوران غالبؔ کی مالی مشکلات کو دور کرنے میں ہر ممکن کوشش کی۔ غرضیکہ غالب ؔ کی شہرت، عظمت، رفعت اور فنی علوئے مرتبت میں علامہ فضل حق خیر آبادی کا بہت بڑا حصہ ہے۔
(روزنامہ اردو ٹائمز، ممبئی اتوار۔ ۱۸؍ جنوری ۲۰۰۴ء، ص۱۲)
٭٭٭
تشکر: مصنف جنہوں نے اس کی فائل فراہم کی
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

دو تنقیدی مضامین