دشتِ صدا
منیر نیازی
منیر نیازی وفات ۲۷/ دسمبر ۲۰۰۶ء
ابھی مجھے اک دشتِ صدا کی ویرانی سے گزرنا ہے
ایک مسافت ختم ہوئی ہے، ایک سفر ابھی کرنا ہے
کس انوکھے دشت میں ہو اے غزالانِ ختن
یاد آتا ہے تمھیں بھی اب کبھی اپنا وطن
خوں رلاتی ہے مجھے اک اجنبی چہرے کی یاد
رات دن رہتا ہے آنکھوں میں وہی لعلِ یمن
عطر میں ڈوبی ہوئی ہے کوۓ جاناں کی ہوا
آہ اس کا پیرہن اور اس کا صندل سا بدن
رات اب ڈھلنے لگی ہے بستیاں خاموش ہیں
تو مجھے سونے نہیں دیتی مرے جی کی جلن
یہ بھبھوکا لال مکھ ہے اس پری وش کا منیرؔ
یا شعاعِ ماہ سے روشن گلابوں کا چمن
دیتی نہیں اماں جو زمیں، آسماں تو ہے
کہنے کو اپنے دل سے کوئی داستاں تو ہے
یوں تو ہے رنگ زرد مگر ہونٹ لال ہیں
صحرا کی وسعتوں میں کہیں گلستاں تو ہے
اک چیل اک ممٹی پہ بیٹھی ہے دھوپ میں
گلیاں اجڑ گئی ہیں مگر پاسباں تو ہے
آواز دے کے دیکھ لو شاید وہ مل ہی جاۓ
ورنہ یہ عمر بھر کا سفر رائیگاں تو ہے
مجھ سے بہت قریب ہے تو پھر بھی اے منیرؔ
پردہ سا کوئی میرے ترے درمیاں تو ہے
جمالِ یار کا دفتر رقم نہیں ہوتا کسی جتن سے بھی یہ کام کم نہیں ہوتا
تمام اجڑے خرابے حسیں نہیں ہوتے ہر اک پرانا مکاں قصرِ جم نہیں ہوتا
تمام عمر رہِ رفتگاں کو تکتی رہے کسی نگاہ میں اتنا تو دم نہیں ہوتا
یہی سزا ہے مری اب جو میں اکیلا ہوں
کہ میرا سر ترے آگے بھی خم نہیں ہوتا
وہ بے بسی ہے مسلسل شکستِ دل سے منیرؔ
کوئی بچھڑ کے چلا جاۓ، غم نہیں ہوتا
وہ اک خیال جو اس شوخ کی نگاہ میں تھا
اسی کا عکس مرے دل کی سرد آہ میں تھا
اسی طرح وہ پرانی بہار باقی تھی عجیب حسن سا اس حزنٕ بارگاہ میں تھا
شفق کا رنگ جھلکتا تھا لال شیشوں میں
تمام اجڑا مکاں شام کی پناہ میں تھا
میں اس کو دیکھ کے چپ تھا اسی کی شادی میں
مزہ تو سارا اسی رسم کے نباہ میں تھا
سوادِ شہر پہ ہی رک گیا تھا میں تو منیر
اور ایک دشتِ بلا میرے گھر کی راہ میں تھا
ابر میں برق کے گلزار دکھاتے اس کو کاش اس رات کبھی جا کے جگاتے اس کو
شہ نشینوں پہ ہوا پھرتی ہے کھوئی کھوئی
اب کہیں ہیں وہ مکیں یہ تو بتاتے اس کو!!
وہ جو پاس آ کے یوں ہی چُپ سا کھڑا رہتا تھا
اس کی تو خو تھی یہی، تم ہی بلاتے اس کو
غم گساری کی طلب تھی یہ محبّت تو نہ تھی
درد جب دل میں اٹھا تھا تو چھپاتے اس کو
فائدہ کیا ہے اگر اب وہ ملے بھی تو منیرؔ
عمر تو بیت گئی راہ پہ لاتے اس کو
یہ بے صدا سنگ و در اکیلے اجاڑ سنسان گھر اکیلے
چلے جو پی کے تو مستیوں میں گئے کہاں بے خبر اکیلے
مہیب بن تھا چہار جانب کٹا تھا سارا سفر اکیلے
ہوا سی رنگوں میں چل رہی ہے کھڑے ہیں وہ بام پر اکیلے
ہے شام کی زرد دھوپ سر پر ہوں جیسے دن میں نگر اکیلے
منیرؔ گھر سے نکل کے ہم بھی پھرے بہت در بدر اکیلے
اک تیز تیر تھا کہ لگا اور نکل گیا ماری جو چیخ ریل نے، جنگل دہل گیا
سوہا ہوا تھا شہر کسی سانپ کی طرح
میں دیکھتا ہی رہ گیا اور چاند ڈھل گیا
خواہش کی گرمیاں تھیں عجب ان کے جسم میں
خوباں کی صحبتوں میں مرا خون جل گیا
تھی شام زہر رنگ میں ڈوبی ہوئی کھڑی
پھر ایک ذرا سی دیر میں منظر بدل گیا
مدّت کے بعد آج اسے دیکھ کر منیرؔ اک بار دل تو دھڑکا مگر پھر سنبھل گیا
صحن کو چمکا گئی، بیلوں کو گیلا کر گئی
رات بارش کی فلک کو اور نیلا کر گئی
دھوپ ہے اور زرد پھولوں کے شجر ہر راہ پر
اک ضیاۓ زہر سب سڑکوں کو پیلا کر گئی
کچھ تو اس کے اپنے دل کا درد بھی شامل ہی تھا
کچھ نشے کی لہر بھی اس کو سریلا کر گئی
بیٹھ کر میں لکھ گیا ہوں زخمِ دل کا ماجرا
خون کی اک بوند کاغذ کو رنگیلا کر گئی
***
اس شہرِ سنگ دل کو جلا دینا چاہیے
پھر اس کی خاک کو بھی اُڑا دینا چاہیے
ملتی نہیں پناہ ہمیں جس زمین پر
اک حشر اس زمیں پہ اٹھا دینا چاہیے
حد سے گزر گئی ہے یہاں رسمِ قاہری
اس دہر کو اب اس کی سزا دینا چاہیے
اک تیز رعد جیسی صدا ہر مکان میں
لوگوں کو ان کے گھر میں ڈرا دینا چاہیے
گُم ہو چلے ہو تم تو بہت خود میں اے منیرؔ
دنیا کو کچھ تو اپنا اتا پتا دینا چاہیے
دل خوف میں ہے عالمِ فانی کو دیکھ کر آتی ہے یاد موت کی پانی کو دیکھ کر
ہے بابِ شہرِ مردہ گزرگاہِ بادِ شام
میں چُپ ہوں اس جگہ کی گرانی کو دیکھ کر
ہِل سی رہی ہے حدِّ سفر فرطِ شوق سے
دھندلا رہے ہیں حرف معانی کو دیکھ کر
آزردہ ہے مکان میں خاکِ زمین بھی چیزوں میں شوقِ نقلِ مکانی کو دیکھ کر
ہے آنکھ سرخ اس لبِ لعلیں کے عکس سے
دل خوں ہے اس کی شعلہ بیانی کو دیکھ کر
پردہ اٹھا تو جیسے یقیں بھی اُٹھا منیرؔ
گھبرا اٹھا ہوں سامنے ثانی کو دیکھ کر
تند نشٓہ خمار سا نکلا آسماں بھی غبار سا نکلا
کیا اندھیرے میں روشنی سی رہی رنگِ لب کا شرار سا نکلا
تلخیِ غم نکل گئی دل سے جسم سے اک بخار سا نکلا
دیکھ کر حسنِ دشت حیراں ہوں یہ تو منظر دیار سا نکلا
میں ہوں بیمارِ وصلِ گل سے منیرؔ شوقِ دل مرگ زار سا نکلا
اس شہر کے یہیں کہیں ہونے کا رنگ ہے
اس خاک میں کہیں کہیں سونے کا رنگ ہے
پائیں چمن ہے خورد رو درختوں کا جھنڈ سا
محرابِ در پہ اس کے نہ ہونے کا رنگ ہے
طوفانِ ابر و بادِ بلا ساحلوں پہ ہے دریا کی خامشی میں ڈبونے کا رنگ ہے
اس عہد سے وفا کا صلہ مرگِ رائیگاں
اس کی فضا میں ہر گھڑی کھونے کا رنگ ہے
سرخی ہے جو گلاب سی آنکھوں میں اے منیرؔ
خارِ بہار دل میں چبھونے کا رنگ ہے
شبِ وصال میں دوری کا خواب کیوں آیا
کمالِ فتح میں یہ ڈر کا باب کیوں آیا
دلوں میں اب کے برس اتنے وہم کیوں جاگے
بلادِ صبر میں اک اضطراب کیوں آیا
ہے آب گل پہ عجب اس بہارِ گزراں میں
چمن میں اب کے گلِ بے حساب کیوں آیا
اگر وہی تھا تو رخ پردہ بے رخی کیا تھی
ذرا سے ہجر میں یہ انقلاب کیوں آیا
بس ایک ہوٗ کا تماشہ تمام سمتوں میں مری صدا کے سفر میں سراب کیوں آیا
میں خوش نہیں ہوں بہت دور اس سے ہونے پر
جو میں نہیں تھا تو اس پر شباب کیوں آیا
اُڑا ہے شعلۂ برف ابر کی فصیلوں پر یہ اس بلا کے مقابل سحاب کیوں آیا
یقین کس لیے اس پر سے اٹھ گیا ہے منیرؔ
تمھارے سر پہ یہ شک کا عذاب کیوں آیا
قرارِ ہجر میں اس کے شراب میں نہ ملا
وہ رنگ اس گلِ رعنا کا خواب میں نہ ملا
عجب کشش تھی نظر پر سرابِ صحرا میں گہر مگر وہ نظر کا اس آب میں نہ ملا
بس ایک ہجرتِ دائم، گھروں زمینوں میں نشانِ مرکزِ دل اضطراب میں نہ ملا
سفر میں دھوپ کا منظر تھا اور، ساۓ کا اور
ملا جو مہر میں مجھ کو، سحاب میں نہ ملا
ہوا نہ پیدا وہ شعلہ جو علم سے اٹھتا
یہ شہر مردہ صحیفوں کے باب میں نہ ملا
مکاں بنا نہ یہاں اس دیارِ شر میں منیرؔ
یہ قصرِ شوق نگر کے عذاب میں نہ ملا
ہری ٹہنیوں کے نگر پر گئے ہوا کے پرندے شجر پر گئے
اک آسیبِ زر ان مکانوں میں ہے مکیں اس جگہ کے سفر پر گئے
بہت دھند ہے اور وہ نقشِ قدم خدا جانے کس رہگزر پر گئے
کہ جیسے ابھی تھا یہاں پر کوئی گماں کیسے خوابِ سحر پر گئے
کئی رنگ پیدا ہوۓ برق سے کئی عکس دیوار و در پر گئے
وہی حسنِ دیوانہ گر ہر طرف سبھی رخ اسی کے اثر پر گئے
منیرؔ آج اتنی اداسی ہے کیوں یہ کیا ساۓ سے، بحر و بر پر گئے
چمن میں رنگِ بہار اترا تو میں نے دیکھا
نظر سے دل کا غبار اترا تو میں نے دیکھا
میں نیم شب آسماں کی وسعت کو دیکھتا تھا
زمیں پہ وہ حسن زار اترا تو میں نے دیکھا
گلی کے باہر تمام منظر بدل گئے تھے
جو سایۂ کوۓ یار اترا تو میں نے دیکھا
خمارِ مے میں وہ چہرہ کچھ اور لگ رہا تھا
دمِ سحر جب خمار اترا تو میں نے دیکھا
اک اور دریا کا سامنا تھا منیرؔ مجھ کو
میں ایک دریا کے پار اترا تو میں نے دیکھا
شعاعِ مہر منور شبوں سے پیدا ہو متاعِ خوابِ مسرّت غموں سے پیدا ہو
مری نظر سے جو گم ہو گیا وہ ظاہر ہو صراطِ شہرِ صفا الجھنوں سے پیدا ہو
گلِ مراد! سرِ دشتِ نامرادی کھِل!
رخِ نگارِ وفا محملوں سے پیدا ہو
گماں نہیں مجھے جس سمت سے،وہاں سے آ
جو میں نے دیکھی نہیں، ان جگہوں سے پیدا ہو
ہویدا ہو دمِ زندہ ہجومِ مردہ سے اے اصل شوق غلط خواہشوں سے پیدا ہو
مثالِ گوسِ قزح بارشوں کے بعد نکل جمالِ رنگ کھلے منظروں سے پیدا ہو
فروغِ اسمِ محمدؐ ہو بستیوں میں منیرؔ قدیم یاد نئے مسکنوں سے پیدا ہو
سن بستیوں کا حال جو حد سے گزر گئیں
ان امتّوں کا ذکر جو رستے میں مر گئیں
کر یاد ان دنوں کو کہ آباد تھیں یہاں
گلیاں جو خاک و خون کی دہشت سے بھر گئیں
صر صر کی زد میں آۓ ہوۓ بام و در کو دیکھ
کیسی ہوائیں کیسا نگر سرد کر گئیں
کیا باب تھے یہاں جو صدا سے نہیں کھلے
کیسی دعائیں تھیں جو یہاں بے اثر گئیں
تنہا اُجاڑ برجوں میں پھرتا ہے تو منیرؔ
وہ زر فشانیاں ترے رخ کی کدھر گئیں
بس ایک ماہِ جنوں خیز کی ضیا کے سوا
نگر میں کچھ نہیں باقی رہا ہوا کے سوا
ہے ایک اور بھی سورت کہیں مری ہی طرح اک اور شہر بھی ہے قریۂ صدا کے سوا
اک اور سمت بھی ہے اس سے جا کے ملنے کی
نشان اور بھی ہیں اک نشانِ پا کے سوا
مکان، زر، لبِ گویا، حدِ سپہر ق زمیں
دکھائی دیتا ہے سب کچھ یہاں خدا کے سوا
مری ہی خواہشیں باعث ہیں میرے غم کی منیرؔ
عذاب مجھ پہ نہیں حرفِ مدّعا کے سوا
کیسی ہے رہگزار وہ دیکھیں گے جا کے اب اسے
بیت گئے برس بہت، دیکھا تھا ہم نے جب اسے
جاگے کا خوان ہجر سے آۓ گا لوٹ کر یہیں
دیکھیں گے خوف و شوق سے روزنِ در سے سب اسے
صحرا نہیں ہے شہر ہے، اور بھی لوگ ہیں یہاں
چاروں طرف مکان ہیں، اتنا ہے ہوش کب اسے
کہنے کو بات کچھ نہیں، جانا ہے اسکو تجھ کو بھی
کیوں رو کھڑا ہے راہ میں روک کے بے سبب اسے
باغوں میں جا اے کوش نَوا آئی بسنت کی ہوا
زرد ہُوا ہے بن عجب، جادو چڑھا رجب اسے
اک اک ورق ہے آبِ زر تیری غزل کا منیرؔ
جب یہ کتاب ہو چکے جا کے دکھانا تب اسے
اُگا سبزہ در و دیوار پر آہستہ آہستہ ہوا خالی صداؤں سے نگر آہستہ آہستہ
گھرا بادل خموشی سے خزاں آثار باغوں پر
ہِلے ٹھنڈی ہواؤں میں شجر آہستہ آہستہ
بہت ہی سست تھا منظر لہو کے رنگ لانے کا
نشاں آخر ہوا یہ سرخ تر آہستہ آہستہ
مرے باہر فصیلیں تھیں غبارِ خاک و باراں کی
ملی مجھ کو ترے غم کی خبر آہستہ آہستہ
چمک زر کی اسے آخر مکانِ خاک میں لائی
بنایا ناگ نے جسموں میں گھر آہستہ آہستہ
منیرؔ اس ملک پر آسیب کا سایہ ہے یا کیا ہے
کہ حرکت تیز تر ہے اور سفر آہستہ آہستہ
سارے منظر ایک جیسے، ساری باتیں ایک سی
سارے دن ہیں ایک سے اور ساری راتیں ایک سی
بے نتیجہ، بے ثمر، جنگ و جدل سود و زیاں
ساری جیتیں ایک سی اور ساری ماتیں ایک سی
سب ملاقاتوں کا مقصد کاروبارِ زر گری
سب کی دہشت ایک جیسی، سب کی گھاتیں ایک سی
اب کسی میں اگلے وقتوں کی وفا باقی نہیں
سب قبیلے ایک سے ہیںساری ذاتیں ایک سی
ہوں اگر زیرِ زمیں تو فائدہ ہونے کا کیا
سنگ و گوہر ایک ہیں پھر ساری دھاتیں ایک سی
ایک ہی رخ کی اسیری خواب ہے شہروں کا اب
ان کے ماتم ایک سے، ان کی براتیں ایک سی
اے منیرؔ آزاد ہو اس سحرِ یک رنگی سے دور
ہو گئے سب رنگ یکساں، سب نباتیں ایک سی
شام کے مسکن میں ویراں مے کدے کا در کھلا
باب گزری صحبتوں کا خواب کے اندر کھلا
کچھ نہ تھا جز خوابِ وحشت وہ وفا اس عہد کی
راز اتنی دیر کا اس عمر میں آ کر کھلا
بن میں سرگوشی ہوئی آثارِ ابر و باد سے
بندِ غم سے جیسے اک اشجار کا لشکر کھلا
جگمگا اُٹھّا اندھیرے میں مری آہٹ سے وہ
یہ عجب اُس بُت کا میری آنکھ پر جوہر کھلا
سبزۂ نو رستہ کی خوشبو تھی ساحل پر منیرؔ
بادلوں کا رنگ چھتری کی طرح سر پر کھلا
ابھی مجھے اک دشتِ صدا کی ویرانی سے گزرنا ہے
ایک مسافت ختم ہوئی ہے، ایک سفر ابھی کرنا ہے
گری ہوئی دیواروں میں جکڑے سے ہوۓ دروازوں کی
خاکستر سی دہلیزوں پر سرد ہوا نے ڈرنا ہے
ڈر جانا ہے دشت و جبل کو تنہائی کی ہیبت سے
آدھی رات کو جب مہتاب نے تاریکی سے ابھرنا ہے
یہ تو ابھی آغاز ہے جیسے اس پنہاۓ حیرت کا
آنکھ نے اور سنور جانا ہے، رنگ نے اور نکھرنا ہے
جیسے زر کی پیلاہٹ میں موجِ خون اترتی ہے
زہرِ زر کے تند نشے نے دیدہ و دل میں اترنا ہے
غیروں سے مل کے ہی سہی، بے باک تو ہوا
بارے وہ شوخ پہلے سے چالاک تو ہوا
جی خوش ہوا ہے گرتے مکانوں کو دیکھ کر
یہ شہرِ خوف خود سے جگر چاک تو ہوا
یہ تو ہوا کہ آدمی پہنچا ہے ماہ تک
کچھ بھی ہوا، وہ واقفِ افلاک تو ہوا
اس کشمکش میں ہم بھی تھکے تو ہیں اے منیرؔ
شہرِ خدا ستم سے مگر پاک تو ہوا
***
امتحاں ہم نے دۓ اس دارِ فانی میں بہت
رنج کھینچے ہم نے اپنی لامکانی میں بہت
وہ نہیں اس سا تو ہے خوابِ بہارِ جاوداں
اصل کی خوشبو اڑی ہے اس کے ثانی میں بہت
رات کے دن کے آنے جانے میں یہ سوبنا جاگنا
فکر والوں کو پتے ہیں اس نشانی میں بہت
کوئلیں کوکیں بہت دیوارِ گلشن کی طرف
چاند دمکا حوض کے شفّاف پانی میں بہت
اس کو یادیں تھیں کیا اور کس جگہ پر رہ گئیں
تیز ہے دریاۓ دل اپنی روانی میں بہت
آج اس محفل میں تجھ کو بولتے دیکھا منیرؔ
تو کہ جو مشہور تھا یوں بے زبانی میں بہت
اور ہیں کتنی منزلیں باقی جان کتنی ہے جسم میں باقی
زندہ لوگوں کی بود و باش میں ہیں مردہ لوگوں کی عادتیں باقی
اس سے ملنا وہ خوابَ ہستی میں خواب معدوم، حسرتیں باقی
بہہ گئے رنگ و نور کے چشمے رہ گئیں ان کی رنگتیں باقی
جن کے ہونے سے ہم بھی ہیں اے دل شہر میں ہیں وہ صورتیں باقی
وہ تو آ کے منیر جا بھی چکا اک مہک سی ہے باغ میں باقی
بارشوں میں اس سے جا کے ملنے کی حسرت کہاں
کوکنے دو کوئلوں کو اب مجھے فرصت کہاں
جی تو کہتا ہے کہ اس کو ساتھ ہی رکھّیں مگر
اپنے پاس اس حسنِ عیش انگیز کی قیمت کہاں
تلخ اس کو کر دیا اربابِ قریہ نے بہت
ورنہ اک شاعر کے دل میں اس قدر نفرت کہاں
روک سکتے تھے اسے ہم ابتدا کے دور میں
اب ہمیں دیوانگیِ شہر پر قدرت کہاں
دیکھتا ہوں ہر طرف شاید دکھائی دے کبھی
پر فراخِ دشت میں آدم کی وہ صورت کہاں
ایک منزل یہ بھی تھی خوابوں کی ورنہ اے منیرؔ
میں کہاں اور اس دیارِ غیر کی غربت کہاں
ڈرے ہوؤں کو مگر اعتبار کس کا تھا تمام عمر ہمیں انتظار کس کا تھا
اُڑا غبار ہوا سے تو راہ خالی تھی
وہ کون شخص تھا، اس میں غبار کس کا تھا
لیے پھرا جو مجھے در بدر زمانے میں خیال تجھ کو دلِ بے قرارکس کا تھا
روش سے ہٹ کے بنے اک مکانِ نو کے قریب
وہ خوں تھا کس کا، وہ پھولوں کا ہار کس کا تھا
یہ جبرِ مرگِ مسلسل ہی زندگی ہے منیرؔ
جہاں میں اس پہ کبھی اختیار کس کا تھا
کیسی کیسی بے ثمر یادوں کے ہالوں میں رہے
ہم بھی اتنی زندگی کیسے وبالوں میں رہے
اک نظر بندی کا عالم تھا نگر کی زندگی
قید میں رہتے تھے جب تک شہر والوں میں رہے
ہم اگر ہوتے تو ملتے تجھ سے بھی جانِ جہاں
خواب تھے ناپید دنیا کے ملالوں میں رہے
وہ چمکنا برق کا دشت و در و دیوار پر
سارے منظر ایک پل س کے اجالوں میں رہے
کیا تھیں وہ باتیں جو کہنا چاہتے تھے وقتِ مرگ
آخری دم یار اپنے کن خیالوں میں رہے
دور تک مسکن تھے بن ان کی صداؤں کے منیرؔ
دیر تک ان دیویوں کے غم شوالوں میں رہے
کوئی حد نہیں ہے کمال کی کوئی حد نہیں ہے جمال کی
وہی قرب و دور کی منزلیں وہی شام خواب و خیال کی
نہ مجھی ہی اس کا پتہ کوئی نہ اسے خبر مرے حل کی
یہ جواب میری صدا کا ہے کہ صدا ہے اس کے سوال کی
وہ قیامتیں جو گزر گئیں تھیں امانتیں کئی سال کی
یہ نمازِ عصر کا وقت ہے یہ گھڑی ہے دن کے زوال کی
ہے منیرؔ صبحِ سفر نئی گئی بات شب کے ملال کی
کتابِ عمر کا اک اور باب ختم ہوا شباب ختم ہوا، اک عذاب ختم ہوا
ہو یہ نجات سفر میں فریبِ صحرا سے سراب ختم ہوا، اضطراب ختم ہوا
برس کے کھل گیا بادل ہواۓ شب کی طرح فلک پہ برق کا وہ پیچ و تاب ختم ہوا
فراخِ کوہ و بیاباں ہے اور شامِ سکوں صعوبتِ غمِ دنیا کا خواب ختم ہوا
جوابدہ نہ رہا میں کسی کے آگے منیرؔ وہ اک سوال اور اس کا جواب ختم ہوا
اسیرِ خواہشِ قیدِ مقام تو ہے کہ میں
نظامِ شمس و قمر کا غلام تو ہے کہ میں
ہے کون دونوں میں ظاہر، ہے کون پردے میں
چھپا ہوا ہے جو نظروں سے دام تو ہے کہ میں
نمائشِ مہِ کامل پہ کس کا سایہ ہے
یہ اس کے چار طرف ابرِ شام تو ہے کہ میں
اُڑا ہے رنگِ در و بام باد و باراں سے
نگر کی اس گھنی چُپ میں مدام تو ہے کہ میں
مکان دور سے آتی ہے اک صدا سی منیرؔ
بھلا دیا جسے سب نے وہ نام تو ہے کہ میں
افق کو افق سے ملا دینے والے
یہ رستے ہیں کتنے تھکا دینے والے
یہ دن ہیں نئے اپنی خاصیّتوں میں
کئی نام دل سے بھلا دینے والے
بتا دینا عمریں اسے کھوجنے میں
جو مل جائے اس کو گنوا دینے والے
پھر اپنے کئے پر پشیمان رہنا
یہ ہم ہی ہیں خود کو سزا دینے والے
***
سفر میں ہیں مسلسل ہم کہیں آباد بھی ہوں گے
ہوئے ناشاد جو اتنے تو ہم دل شاد بھی ہوں گے
زمانے کو برا کہتے نہیں ہم ہی زمانہ ہیں
کہ ہم جو صید لگتے ہیں ہمیں صیاد بھی ہوں گے
بھلا بیٹھے ہیں وہ ہر بات اس گزرے زمانے کی
مگر قصے کچھ اس موسم کے ان کو یاد بھی ہوں گے
ہر اک شئے ضد سے قائم ہے جہانِ خوابِ ہستی میں
جہاں پر دشت ہے آثارِ ابرو باد بھی ہوں گے
منیرؔ افکار تیرے جو یہاں برباد پھرتے ہیں
کسی آتے سمے کے شہر کی بنیاد بھی ہوں گے
کسی خوشی کے سراغ جیسا وہ رخ ہے ہستی کے باغ جیسا
بہت سے پردوں میں نور جیسے حجابِ شب میں چراغ جیسا
خیال جاتے ہوئے دنوں کا ہے گم حقیقت کے داغ جیسا
اثر ہے اس کی نظر کا مجھ پر شرابِ گل کے ایاغ جیسا
منیرؔ تنگی میں خواب آیا کھلی زمیں کے فراغ جیسا
کھل گئے ہیں بہار کے رستے ایک دل کش دیار کے رستے
ہم بھی پہنچے کسی حقیقت تک اک مسلسل خمار کے رستے
منزل عشق کی حدوں پر ہیں دائمی انتظار کے رستے
اس کے ہونے سے یہ سفر بھی ہے سارے رستے ہیں یار کے رستے
جانے کس شہر کو منیر گئے اپنی بستی کے پار کے رستے
لمحہ لمحہ دم بہ دم بس فنا ہونے کا غم
ہے خوشی بھی اس جگہ اے مری خوئے الم
کیا وہاں ہے بھی کوئی اے رہِ ملک عدم
رونق اصنام سے خم ہوئے غم کے علم
یہ حقیقت ہے منیر خواب میں رہتے ہیں ہم
خلش ہجرِ دائمی نہ گئی تیرے رخ سے یہ بے رخی نہ گئی
پوچھتے ہیں کہ کیا ہوا دل کو حسن والوں کی سادگی نہ گئی
سر سے سودا گیا محبت کا دل سے پر اس کی بے کلی نہ گئی
اور سب کی حکایتیں کہہ دیں بات اپنی کبھی کہی نہ گئی
ہم بھی گھر سے منیر تب نکلے بات اپنوں کی جب سہی نہ گئی
خیال یکتا میں خواب اتنے سوال تنہا جواب اتنے
کبھی نہ خوبی کا دھیان آیا ہوئے جہاں میں خراب اتنے
حساب دینا پڑا ہمیں بھی کہ ہم جو تھے بے حساب اتنے
بس اک نظر میں ہزار باتیں پھر اس سے آگے حجاب اتنے
مہک اٹھے رنگ سرخ جیسے کھلے چمن میں گلاب اتنے
منیرؔ آئے کہاں سے دل میں نئے نئے اضطراب اتنے
ہجر شب میں اک قرار غائبانہ چاہیے غیب میں اک صورت ماہِ شبانہ چاہیے
سن رہے ہیں جس کے چرچے شہر کی خلقت سے ہم
جا کے اک دن اس حسین کو دیکھ آنا چاہیے
اس طرح آغاز شاید اک حیات نو کا ہو پچھلی ساری زندگی کو بھول جانا چاہیے
وہ جہاں ہی دوسرا ہے وہ بتِ دیر آشنا
اس جہاں میں اس سے ملنے کو زمانہ چاہیے
کھینچتی رہتی ہے دائم اس کو باہر کی ہوا
اس کو تو گھر سے نکلنے کا بہانہ چاہیے
بستیاں نا متفق ہیں میری باتوں سے منیر
ان میں مجھ کو ایک حرف محرمانہ چاہیے
ہے میرے گرد کثرتِ شہر جفا پرست تنہا ہوں اس لیے ہوں میں اتنا انا پرست
صحنِ بہار گل میں کفِ گل فروش ہے شامِ وصالِ یار میں دستِ حنا پرست
تھا ابتدائے شوق میں آرامِ جاں بہت
پر ہم تھے اپنی دھن میں بہت انتہا پرست
بامِ بلند یار پہ خاموشیاں سی ہیں اس وقت وہ کہاں ہے وہ یارِ ہوا پرست
گمراہیوں کا شکوہ نہ کر اب تو اے منیر
تو ہی تھا سب سے بڑھ کے یہاں رہنما پرست
دل عجب مشکل میں ہے اب اصل رستے کی طرف
یاد پیچھے کھینچتی ہے آس آگے کی طرف
چھوڑ کر نکلے تھے جس کو دشت غربت کی طرف
دیکھنا شام و سحر اب گھر کے سائے کی طرف
ہے ابھی آغاز دن کا اس دیار قید میں
ہے ابھی سے دھیان سارا شب کے پہرے کی طرف
صبح کی روشن کرن گھر کے دریچے پر پڑی
ایک رخ چمکا ہوا میں اس کے شیشے کی طرف
دوریوں سے پر کشش ہیں منزلیں دونوں منیرؔ
میں رواں ہوں خواب میں ناپید قریے کی طرف
ہے اس گل رنگ کا دیدار ہونا کہ جیسے خواب سے بیدار ہونا
بتاتی ہے مہک دست حنا کی کسی در کا پس دیوار ہونا
اسے رکھتا ہے صحراؤں میں حیراں دل شاعر کا پر اسرار ہونا
کمالِ شوق کا حاصل یہی ہے ہمارا شہر سے بیزار ہونا
فراق آغاز ہے ان ساعتوں کا ہے آخر جن کا وصلِ یار ہونا
یہی ہونا تھا آخر دشت غم کو ہمارے ہاتھ سے گلزار ہونا
محبت کا سبب ہے بے نیازی کشش اس کی ہے بس دشوار ہونا
منیرؔ اچھا نہیں لگتا یہ تیرا کسی کے ہجر میں بیمار ہونا
کتے دن اس بت کو اپنا غم سنانے میں لگے
سال کتنے اس دنوں کے آنے جانے میں لگے
راستے ہی راستے تھے آخر منزل تلک رنج کتنے اک خوشی کا خواب آنے میں لگے
یاد آئی صبح کوئی ابتدائے عمر کی وہ گلِ تازہ کی صورت مسکرانے میں لگے
ہے بسنت آنے کو اڑتی پھر رہی ہیں باغ میں
تتلیوں کو رنگ کیسے اس زمانے میں لگے
کس محبت سے ہوا تعمیر مدت میں منیرؔ
چند لمحے جو نگر کی خاک اڑانے میں لگے
اپنی ہی تیغِ ادا سے آپ گھائل ہو گیا
چاند نے پانی میں دیکھا اور پاگل ہو گیا
وہ ہوا تھی شام ہی سے رستے خالی ہو گئے
وہ گھٹا برسی کے سارا شہر جل تھل ہو گیا
میں اکیلا اور سفر کی شام رنگوں میںڈھلی
پھر یہ منظر میری آنکھوں سے بھی اوجھل ہو گیا
اب کہاں ہوگا وہ اور ہوگا بھی تو ویسا کہاں
سوچ کر یہ بات جی کچھ اور بوجھل ہو گیا
حُسن کی دہشت عجب تھی وصل کی شب میں منیرؔ
ہاتھ جیسے انتہائے شوق سے شل ہو گیا
میری ساری زندگی کو بے ثمر اُس نے کیا
عُمر میری تھی مگر اس کو بسر اُس نے کیا
میں بہت کمزور تھا اس ملک میں ہجرت کے بعد
پر مجھے اس ملک میں کمزور تر اُس نے کیا
راہبر میرا بنا گمراہ کرنے کے لیے
مجھ کو سیدھے راستے سے دربدر اُس نے کیا
شہر میں وہ معتبر میری گواہی میں ہوا
پھر مجھے اس شہر میں نا معتبر اُس نے کیا
شہر کو برباد کر کے رکھ دیا اُس نے منیرؔ
شہر پر یہ ظلم میرے نام پر اُس نے کیا
٭٭٭
"دشمنوں کے درمیان شام" مجموعے کی اور کچھ مزید غزلیں
ترتیب: اعجاز عبید
کچھ غزلیں تشکّر اردو ہوم ڈاٹ کام اور اردو ویب ڈاٹ آرگ
باقی غزلوں کی ٹائپنگ اور ای بک کی تشکیل : اعجاز عبید
دیکھ اے دشتِ جنوں۔۔۔۔
مصطفیٰ زیدی
یاد
رات اوڑھے ہوئے آئی ہے فقیروں کا لباس
چاند کشکولِ گدائی کی طرح نادم ہے
دل میں دہکے ہوئے ناسور لئے بیٹھا ہوں
یہی معصوم تصور جو ترا مجرم ہے
کون یہ وقت کے گھونگٹ سے بلاتا ہے مجھے
کس کے مخمور اشارے ہیں گھٹاؤں کے قریب
کون آیا ہے چڑھانے کو تمنّاؤں کے پھول
ان سلگتے ہوئے لمحوں کی چتاؤں کے قریب
وہ تو طوفان تھی، سیلاب نے پالا تھا اسے
اس کی مدہوش امنگوں کا فسوں کیا کہیے
تھرتھراتے ہوئے سیماب کی تفسیر بھی کیا
رقص کرتے ہوئے شعلے کا جنوں کیا کہیے
رقص اب ختم ہوا موت کی وادی میں مگر
کسی پائل کی صدا روح میں پایندہ ہے
چھپ گیا اپنے نہاں خانے میں سورج لیکن
دل میں سورج کی اک آوارہ کرن زندہ ہے
کون جانے کہ یہ آوارہ کرن بھی چھپ جائے
کون جانے کہ اِدھر دھند کا بادل نہ چھٹے
کس کو معلوم کہ پائل کی صدا بھی کھو جائے
کس کو معلوم کہ یہ رات بھی کاٹے نہ کٹے
زندگی نیند میں ڈوبے ہوئے مندر کی طرح
عہدِ رفتہ کے ہر اک بت کو لئے سوتی ہے
گھنٹیاں اب بھی مگر بجتی ہیں سینے کے قریب
اب بھی پچھلے کو، کئی بار سحر ہوتی ہے
***
غزل
کفِ مومن سے نہ دروازۂ ایماں سے ملا
رشتہ درد اسی دشمنِ ایماں سے ملا
اس کا رونا ہے کہ پیماں شکنی کے با وصف
وہ ستمگر اسی پیشانیِ خنداں سے ملا
طالبِ دستِ ہوس اور کئی دامن تھے
ہم سے ملتا جو نہ یوسف کے گریباں سے ملا
کوئی باقی نہیں اب ترکِ تعلق کے لیۓ
وہ بھی جا کر صفِ احبابِ گریزاں سے ملا
کیا کہیں اس کو جو محفل میں شناسا بھی نہ تھا
کبھی خلوت میں در آیا تو دل و جاں سے ملا
میں اسی کوہ صفت خون کی اک بوند ہوں جو
ریگ زارِ نجف و خاکِ خراساں سے ملا
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)