اردو شاعری و کلام

دیوارِ ہوا پر آئینہ

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (1,876 الفاظ)

دیوارِ ہوا پر آئینہ

جمشید مسرور

نظمیں

1

مجھے ہر دم تلاش لمحۂ بیداد رہتی ہے
جہاں احساسِ راحت حاصلِ غم میں بدل جائے
بدن اک جوش میں بیتاب ہو اور جاں نکل جائے
جہاں دل ٹوٹتے ہیں اور سمندر ختم ہوتے ہیں
جہاں پر زیرِ مہرِ نور تاریکی کے سوتے ہیں
بھلانا چاہتا ہوں یاد کرنے کے لیے یعنی
کہ یادیں اک موذر تجربے کا روپ ہوتی ہیں
پہنچ جاتا ہے منزل پر یہ خط اک دن مگر ایسے
کہ اپنے بھیجنے والے کی مرگِ واژگوں سے قبل
منزل پر نہیں آتا
جسے بھیجا گیا اس کی ولادت میں
ہزاروں سال باقی ہیں

2

مری موت میری نہیں دوسروں کی بھی ہے
دوسرے جس طرح
مجھ میں ہیں
تری موت میری ہے
یہ اک اٹیچی کی صورت مرے ہاتھ میں ہے
نہ جس کو کبھی کھول پاؤں گا میں
یہ چابی ہے ایک ایسے کمرے کی
جس میں
کبھی آؤں گا اور نہ جاؤں گا میں

3

ابھی سب کچھ نہیں دیکھا
ابھی سب کچھ نہیں سمجھا
کچھ ایسا ہے کہ جیسے ایک گہری سانس لے کوئی
سزا دینے سے پہلے
سنگِ خاموشی کو یا سر سے گرا دینے سے پہلے

4

یادوں کو اماں ملے نہ یا رب
شعلوں کا عذاب ان پہ اترے
جو ان کو جلا کے راکھ کر دے
یا اپنی تپش سے خاک کر دے
بن جائیں یہ خواب اذیتوں کے
وہ خواب کہ جن کو ابتلا کے
کچھ عینی گواہ دیکھتے ہوں
دیکھیں وہ سماں کہ گنگ ہو جائیں
تا حشر کسی کو کچھ نہ بتلائیں

5

بڑھتی چلی جاتی ہے گر انباری انفاس
کیا کیا ہیں شیاطین من الجنّۃ و الناس

سمجھو بھی تو کیا اور نہ سمجھ پاؤ بھی تو کیا
جانو گے نہ کچھ، جان اگر جاؤ بھی تو کیا

محرومیِ احساس دعا لائے گی اک دن
مانگو گے تو یہ موت بھی مل جائے گی اک دن

6

سنگِ غمِ دل کا ایک بار ناشاد ہے مجھ کو
حرف مرا خاموشی کی فریاد ہے مجھ کو
بوجھ یہ کیسا ہے اک اور مرے کندھوں پر
دل پر لمحۂ نور بھی اک بیداد ہے مجھ کو
اس کا تتلی جیسا بوسہ یاد ہے مجھ کو
نیند کہ جس کا مجھ کو کوئی خوف نہیں تھا
اک شمشیرِ زنگ آلود کی دھار ہے مجھ کو
زخمِ چشم تماشہ پر تلوار ہے مجھ کو
اور ہونی کا اک زہریلا وار ہے مجھ کو

7

خوشی میں غم کی بھی اک داستاں ہے
خوشی سے ہی جو پیدا ہے خوشی میں ہی نہاں ہے
مجھے معلوم ہے اک رازِ سر بستہ
جہاں پر موجِ دریا کے پلٹنے کی زمیں ہے
وہاں سے واپسی کا کوئی رستہ نہیں ہے
وہاں میں جا چکا ہوں۔ جا چکا ہوں
لبِ دریا سے ہو کر آ چکا ہوں
وہاں پر وقت کم ہے انتظار اک سعی لا حاصل
وہاں پر کوشش بے اختیار اک سعی لاحاصل
وہاں جو کچھ بھی ہے طے ہو چکا ہے

8

مجھے پچیسواں گھنٹہ مجھے اک آٹھواں دن دو
توازن مل سکے اور اضطراب جاں و دل جائے
عجب ہیں یہ مساواتیں کبھی پوری نہیں ہوتیں
کہ جب تک موت کا حاصل نہ ان میں آ کے مل جائے

9

ہمیں بے کار مرنا ہے ہمیں بے کار جینا ہے
ہمیں تارِ رگ جاں سے جگر کے چاک سینا ہے
ہمارے باغ مٹی ہیں ہمارے کھیت مٹی ہیں
ہمارے چاند تارے آخر ریت مٹی میں
ہمارا نام مت لینا ہمیں تم یاد مت کرنا
ہمارے واسطے تم اپنے دن برباد مت کرنا
ہوا خاموش ہے کب سے

10

برف کے گرنے کا اور انداز ہے اب کے برس
مختلف سا بارشوں کا ساز ہے اب کے برس
دھوپ کی رنگت گلابی ہے انوکھے ڈھنگ سے
عشرت دل کا جہاں غماز ہے اب کے برس
ہم پہ حسن و عشق کا آغاز ہے اب کے برس

11

جب سورج دشمن ہو جائے دریا سے پناہیں مانگتے ہیں
دریا سے لڑائی ٹھہرے تو جنگل سے باہیں مانگتے ہیں
جنگل سے اماں پانے کے لیے سایوں سی نگاہیں مانگتے ہیں
کچھ خواب ہماری آنکھوں میں کچھ روح میں پائے جاتے ہیں
اک آخری سائے کی دھن میں ہم عمر بتائے جاتے ہیں
سایہ کہ جو چاہے جانے پر سایہ کہ جو پیچھے آنے پر
سورج میں کہیں چھپ جاتا ہے

12

اپنا سرمایۂ حیات ہے کیا
گرد، سائے سقوطِ شہر پناہ
چہرۂ مرگ، انگلیوں کے نشاں
یہی دو چار ہیں خموش گواہ

مہر ہونٹوں پہ ہے زبان پہ آگ
ہر طرف خامشی کے پہرے ہیں
اس قیامت کے جو بپا نہ ہوئی
ہم بھی عینی گواہ ٹھہرے ہیں

13

فغاں ہی آخری سچائی ہے غم کے ٹھکانوں میں
جہاں ہر سو دریچوں میں کھڑی ہیں منتظر مائیں
جہاں ان کے لرزتے اشک چہروں پر بکھر جائیں
ہوا کرتی ہے یہ پیدا کچھ ایسے ہی مکانوں میں
وہ آئیں جنگ سے یا بزمِ خواب و رنگ سے لیکن
جہاں پر باپ آئیں اک ملاقات گریزاں کو
دلاسہ جس طرح دینا ہو لمحات گریزاں کو
اگر دس انگلیاں مل جائیں تو دو ہاتھ کہلائیں
کسی تہمت، کسی گالی میں اس کو پھینک دیتے ہیں
لہو جو بچ رہے نالی میں اس کو پھینک دیتے ہیں

14

پھر درختوں نے گرائے خاک پہ پتے تمام
آسماں اپنا اٹیچی بند کر کے چل دیا
کوئی جیسے ایک ٹھنڈی آہ بھر کے چل دیا
کس کے سینے میں کہیں تلوار ٹوٹی دیکھنا
روشنی سی بند دروازے سے پھوٹی دیکھنا
کون ہے اس بند کمرے میں کہیں میں تو نہیں
ہاں یہ میری نرسری ہے جس میں کھڑکی کے قریب
رفتہ رفتہ روشنی میں ڈھل رہا ہوں دیکھنا
گھر میں کوئی بھی نہیں بس کچھ کھلونے ہیں مرے
جن کو سینے سے لگائے جل رہا ہوں دیکھنا

15

یہ تصویریں
نجات ان سے نہ پاؤ گے
دبے پاؤں بڑھے آتے ہیں سائے
صداؤں کے حصاروں سے
چلو مانا
نکل کر چل دئیے اک دن
کہاں تک پھر بھی جاؤ گے
لگی جب جسم و جاں کو آگ جل اٹھا
فتیلہ بھی مرے دل کا
مجھے معلوم ہے اک دن
دھماکہ سا کہیں ہو گا
گرا ہو اک مکاں جیسے
پھٹا ہو آسماں جیسے
یہی لمحہ ہے جس سے خوف آتا ہے مجھے
لیکن مجھے معلوم ہے۔ اس سے ذرا پہلے
سنوں گا باز گشت ایسی جو مجھ میں ہی نہاں ہو گی
مرے جاں سے گزرنے کی صدائے بے اماں ہو گی

16

جہاں آئینہ خانہ ہے
کھڑا ہوں آئینے کے سامنے میں
وہاں دیوار پر جیسے لٹکتا ہے مرا سایہ
مجھے آئینہ خانہ سے گئے تو مدتیں گزریں

17

کوئی نہیں ہے
کون ہے کوئی
کوئی نہیں تم
بستی سے تم جا بھی چکے، جانے سے پہلے
کوئی نہ تھے تم
بستی میں آنے سے پہلے

18

چھپا ہے اندھیرے میں دیکھو
کرائے کا قاتل
جو سایہ ہے میرا
کوئی شے ہے شاید جسے بھولتا ہوں
ادھورا کوئی کام ہے
مجھے مل نہیں پا رہی چیز کوئی
عجب نام ہے
مجھے دستِ قاتل سے بھی بڑھ کے
تلوار کے سائے کا خوف ہے

19
نہیں ہے چیز کوئی کار گر سمجھوں تو کیا سمجھوں
ہر اک جلوے سے دل ہے بے خبر جانوں تو کیا جانوں
لباس تیرگی میں نے بدن سے جو اتارا ہے
زبانِ گنگ کے انداز میں بے استعارا ہے
نگاہوں پر ٹپکتی روشنی کا قطرہ قطرہ بے سہارا ہے
پھر ایک دن میں کسی بچے کی صورت چیخ اٹھوں گا
”گزر جاؤ”

20

نکل جاؤں گا اس کمرے سے میں
اور بند کر دوں گا اسے
چابی کو دریا برد کر دوں گا
مگر سنتا ہوں اک آواز
جو خود ہی سے ہے محوِ کلام آہستہ آہستہ
مری آواز ہے شاید۔ اسے پہچانتا ہوں میں
جو لیتی ہے کہیں پر میرا نام آہستہ آہستہ

21

وہ روشنی۔ کہ مرے بچپنے کی دو پہریں
وفورِ نور سے بھرتی رہی۔ زمانوں تک
کہاں سے لاؤں اسے۔ کس طرح بلاؤں اسے
وہ ایک پنکھے کی صورت تھی میرے ہاتھوں میں
جو تیرگی کو مری راہ سے ہٹاتی تھی
مرے لیے جو مٹے راستے بناتی تھی
وہ میرے راستے۔ میرے نگر۔ مری گلیاں
وہ میرے گھر کی طرح تھے دھواں دھواں تنہا
گلے میں ڈالے ہوئے گھر کی چابیاں تنہا
تمام عمر بھٹکتا رہا۔۔۔وہاں۔۔۔تنہا
تھے ایک ہاتھ میں غم دوسرے میں خواب مرے
ہر ایک رہ پہ مرے ساتھ تھے سراب مرے
نہ اپنے آپ کو تولا گیا کبھی مجھ سے
منتجوں کی زباں میں ہوں گرچہ میں میزان
مرا وجود توازن میں آ سکا نہ کبھی
اگرچہ نور کی رسی رہی ہے میری مچان
گراہوں رات کی دہلیز پر۔ لہو میں تر
نہ فرشِ گل نہ دم موجۂ صبا تک ہے
کہ اک خلا سے سفر دوسرے خلا تک ہے

22

اک دو راہے ہر کھڑا ہوں میں گم سم جیسے چوراہے پر

23

شام کو منڈی کے بے رونق در و دیوار میں
یا گزرتے موسموں کی زردی رخسار میں
ریل کی کھڑکی کی ساکت شدتِ رفتار میں
دیکھتا ہوں میں ترا چہرہ۔۔۔۔۔
فلم کے دوران نورِ نیلگوں کی چال میں
نیم تیرہ، نیم روشن اک سینما ہال میں
بے اماں راتوں میں خوابوں کے الجھتے جال میں
دیکھتا ہوں میں ترا چہرہ۔۔۔۔
گھر کے جل بجھنے سے پہلے گوشۂ آئینہ میں
موجِ دریا کے پلٹنے کی زمیں کے سینہ میں
زلفِ ریتا میں، لبِ ایوا، رخ زارینہ میں
دیکھتا ہوں میں ترا چہرہ۔۔۔۔۔
ہے جبیں پر بارِ تکمیل سفر اٹھتی نہیں
سوئے عشاقاں ابھی تیری نظر اٹھتی نہیں
تیرے خد و خال سے گرد ہنر اٹھتی نہیں
دیکھتا ہوں میں ترا چہرہ۔۔۔۔۔
میرے دلبر کے تنفس میں نظر آنا ترا
مجھ سے نظریں پھیر کر وہ مجھ کو ٹھکرانا ترا
پھر مری آنکھوں میں مڑ کر دیکھتے جانا ترا

24

ہستی کے کہرے سے کسی کے ہاتھ نہ کچھ بھی آئے
ٹارچ ہو جیسے اک بالک کی اور وہ اسے جلائے
جب جب تم پر گھوم کے آئے دھیمی پڑتی جائے

25

مڑنا چاہوں بھی تو اب مڑنے کی کوئی راہ نہیں ہے
ویسے بھی درد کی اندھی راتوں میں
خوابوں کی برساتوں میں
بچی ہوئی کچھ روشنی میرے جسم پہ عقرب کے انداز میں چلنے لگتی ہے
جیسے نس نس جلنے لگتی ہے
درد سے جان نکلنے لگتی ہے
شہر کی ایک گلی میں اب بھی اک سایہ آتا ہے نظر
دیر ہوئی اک موسمِ گل کی باتیں ہیں
یادوں کی سوغاتیں ہیں
اک سہ پہر کے ڈھلتے سائے
دن بھر خالی رہنے والے اپنے گھر کی
چابی گردن میں لٹکائے
اپنی دھن میں چلتا جائے
پاس ہی کسی حویلی میں اک بینڈ مسلسل شور مچائے
موسیقی سے قدم ملائے
سر کو جھکائے
چلتا جائے
کون تھا وہ۔۔۔
وہ لڑکا میں تھا
کوئی سنگی کوئی ساتھی جس کے پاس نہ تھا
اس کے علاوہ اس کو کچھ احساس نہ تھا
شام ڈھلے چیزوں کے سائے کتنے لمبے ہو جاتے ہیں
سن اکسٹھ تھا۔ مئی کی چھ تاریخ تھی اس دن
شام کے پانج بجے تھے اور میں
سر کو جھکائے
موسیقی سے قدم ملائے
چابی گردن میں لٹکائے
چلتا ہی جاتا تھا
اب بھی ان قدموں کی آہٹ مجھے سنائی دے جاتی ہے
مجھ کو تنہا چھوڑ کے جاتی عمر دکھائی دے جاتی ہے

26

اب بھی وہ دریا یاد ہے مجھ کو
ریت پہ میں نے مڑ کر دیکھا
میرے نقشِ قدم تھے مرے تعاقب میں
میں بچہ تھا
میں نے جھک کر ہاتھوں کو دریا میں ڈالا
میں حیران ہوا جب دیکھا
پانی کے اندر بھی اپنے ہاتھ نظر آتے تھے مجھ کو
ہلچل تھا وہ سارا منظر
پھر میں کنارے کنارے بھاگا
دریا کو ہاتھوں میں لے کر

**** ٹائپنگ: ماوراء، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

دیوارِ ہوا پر آئینہ