ادب، نثر و مضامین

ڈنکے کی چوٹ

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (11,521 الفاظ)

ڈنکے کی چوٹ

(طنز و مزاح پر مبنی اوّلین مجموعہ کلام)

نوید ظفر کیانی

معتبر آپ کا لارا ہی نہیں ہے ہائے
مجھ کو شیشے میں اتارا ہی نہیں ہے ہائے

آپ کی جھیل سی آنکھوں میں اتر تو جاؤں
کسی تنکے کا سہارا ہی نہیں ہے ہائے

تیرے معیار ِ وجاہت کو وہ کیسے پہنچے
صورتِ آلو بخارا ہی نہیں ہے ہائے

ڈیٹ پر ڈیٹ دئے جاتا ہے حسنِ کافر
اِتنا نزدیک ہزارا ہی نہیں ہے ہائے

شبِ یلدا مری قلفی بھی بنا سکتی ہے
تیرے غرفے سے اشارہ ہی نہیں ہے ہائے

جو مری شامتِ اعمال کا منشاء ٹھہرا
تیرے ابے کو گوارا ہی نہیں ہے ہائے

تجھ کو شادی کی مصیبت سے بچائے رکھیں
اِتنا ماں باپ کو پیارا ہی نہیں ہے ہائے

آج کا قیس تو شیریں کو بھی دل دے بیٹھا
صرف لیلیٰ پہ گزارا ہی نہیں ہے ہائے

حضرتِ شیخ بھی میموں پہ فدا ہیں لیکن
کوئی اسکرٹ غرارا ہی نہیں ہے ہائے

حسن کہتا ہے کہ عاشق کا بھی منہ متھا ہو
یہ فقط خواب ہمارا ہی نہیں ہے ہائے

تین حرفوں میں چکا بیٹھے ہیں سودا اپنا
اپنی ہستی پہ اجارا ہی نہیں ہے ہائے

اپنی بیوی کو میں ناراض نہیں کر سکتا
کسی ہوٹل سے ادھارا ہی نہیں ہے ہائے

نئی تہذیب کے انڈے بھی ہیں گندے سارے
اِک معیشت کا خسارا ہی نہیں ہے ہائے

اُس چغد کو بھی میسر نہیں لیڈر بننا
اسٹرائیک پہ ابھارا ہی نہیں ہے ہائے

روکھی سوکھی سی یہ پکچر نہیں دیکھی جاتی
انجمن انجمن آرا ہی نہیں ہے ہائے

جو پئے جاب تجربے کی سند بھی دے دے
ایسا تعلیمی ادارا ہی نہیں ہے ہائے

اِک ذرا اونچے گریڈوں کے افق پر چمکے
میری قسمت کا ستارا ہی نہیں ہے ہائے

کشتیءذیست کی آوارگی تسلیم مگر
ہاتھ میں کوئی شکارا ہی نہیں ہے ہائے

ہوسِ زر کے جراثیم بڑھے جاتے ہیں
اِس سمندر کا کنارا ہی نہیں ہے ہائے

تیرے سہارے رہ گئے ہم تو کنوارے رہ گئے

اب بھی وہی زر۔زن۔ زمیں
سب بھائی چارے رہ گئے

میرٹ کی بدعت کیا کہوں آنکھوں کے تارے رہ گئے

لیڈر کی لاری جب چلی لیڈر کے لارے رہ گئے

اپنا تو پٹرا ہو گیا تیرے چھوہارے رہ گئے

ہم تو تری سرکار میں جب بھی پدھارے رہ گئے

وہ مار آئے ڈیٹ بھی
ہم ”آبپارے“ رہ گئے

تم موج میلہ لے گئے
اب تو گزارے رہ گئے

جاں ہار تو جاں سے گئے
بے اعتبارے رہ گئے

لیلیٰ کو رانجھا لے اڑا
مجنوں پکارے رہ گئے

ڈنڈا ہے سردارِ جہاں
کمزور سارے رہ گئے

میں جب بھی فون کرتا ہوں ، وہی انگیج ٹوں ٹوں ٹوں
رقیب روسیاہ سے اور گھنٹوں بات ،کیوں کیوں کیوں

جہاں میں ساتھ ہی آئے مگر تقدیر کیا لائے
وہی ہیں آپ چھم چھم چھم وہی ہم لوگ کھوں کھوں کھوں

وفا کی آزمائش میں یہی سرگم کے دو سرُ ہیں
دل مجنون کی دھک دھک دھک سگِ لیلیٰ کی بھوں بھوں بھوں

وہ جب بھی بات کرتے ہیں تو بے اوقات کرتے ہیں
کسی کی بھی نہیں سنتے ، نہ چاں چاں چاں نہ چوں چوں چوں

نہ روسی ہوں نہ چینی ہوں مگر جب رات سو جاؤں
کبھی کرتا ہوں خر خر خر کبھی کرتا ہوں شوں شوں شوں

کسی کو مارا مرچوں نے کسی کو دل کی ٹیسیوں نے
وہی یاروں کی سی سی سی وہی پیاروں کی سوں سوں سوں

تمہیں کہہ دو یوں جیون کا بنے گا خاک دو گانہ
میری سائیکل ہے ٹن ٹن ٹن تیری گاڑی ہے پوں پوں پوں

عمریا کے کسی بھی دن ، تجھے پہنچوں یہ ناممکن
تیری تیزی ہے زن زن زن تیری پھرتی ہے زوں زوں زوں

کبھی شاعر کہیں پھنکا ، ادیبوں نے کبھی دھنکا
بنے نقاد جوں جوں جوں اڑے ہیں بال توں توں توں

اگر آیا ترا روگی ، سرِ بزمِ سخن ہو گی
جہاں والوں کی کھی کھی کھی ظفر صاحب کی روں روں روں

( ناصرؔ کاظمی مرحوم کی غزل کی پیروڈی )

نئے کپڑے بدل کر دندناؤں اور بال بناؤں مس کے لئے
جب کالج جانے کو نکلے ، کالج تک جاؤں مس کے لئے

وہ چانس پہ تھی تو اُس کے لئے اوروں کی بھی ٹی سی کرتے تھے
اب ایسے ویسے لوگوں کو کیوں باپ بناؤں مس کے لئے

جس روپ کا دل پہ جادو تھا وہ دھوپ میں آ کر بہہ نکلا
بے میک اپ چہرہ دیکھ لیا ، اب کیا للچاؤں مس کے لئے

وعدوں کا تو میں قائل ہی نہیں ، جو آ جائے وہ کل ہی نہیں
الو تو نہیں ہوں میں پھر بھی الو بن جاؤں مس کے لئے

ملتان سدھاری تو پھر کیا ، آباد ہے دنیا کا میلہ
موجود ہیں کتنے اورحسیں ، کیوں روگ لگاؤں مس کے لئے

ہمہ خانہ آفتاب

مداراتیں ترے ویروں کا ہی خاصہ نہیں کہ جو
دھنائی کرتے ہیں اور دور لا کر چھوڑ جاتے ہیں
ترے کتوں کو بھی مہمانداری خوب آتی ہے
گلی کے موڑ تک مجھ کو بھگا کر چھوڑ جاتے ہیں

۔۔۔۔۔۔۔۔
اور اب

عمر بھر آئیڈیل ڈھونڈا کئے
بانٹ نہ پائے چھوہارے ، ہائے ہائے
اب پئے چوائس کہاں جائیں ظفر
ہر کوئی انکل پکارے ، ہائے ہائے

مجبوری

جب سالوں کی آواز بڑھے
جب سسر کی پرواز بڑھے
بیوی کے دانت میں ِکچ ِکچ ہو
اور سالیوں میں بھی ِگچ ِمچ ہو
جب ساس نہ دیکھے فل اسٹاپ
ایسے میں ضد کرنا ہے پاپ
مت دیکھ ، یہ کتنے بونے ہیں
تو گھر داماد ہے سو پیارے
برتن تو تمہیں کو دھونے ہیں

شرارت

باپ بلوچی
ماں پنجابی
لیکن دیکھ شرارت اُس کی
آ کر میرے صوبے میں وہ پیدا ہوا ہے

ابتدائی جغرافیہ

یہ دفتر ہے
یہاں ہر شخص افسر ہے
مگر وہ جو مہا افسر ہے وہ ہے نوٹ گلگوں سا
اُسی کا راج ہے ہر جا
جو اِس کا کرتا دھرتا ہے ، مقدر کا سکندر ہے
یہ دفتر ہے

یہ کالج ہے
یہ پیلس آف نالج ہے
یہاں پر طالبان ِ علم کو سکھلایا جاتا ہے
کہ آخر اِن کتابوں کے خلاصوں کو برتنے کا ہنر کیا ہے
پروفیسر یہاں لیکچر بھی دیتے ہیں
مگر اِس اہتمام ِ خاص سے کہ کوئی کچھ بھی نہ سمجھ پائے
جو اسٹوڈینٹ ہیں وہ کاپیوں پر شعر لکھتے ہیں
مریض ِ جاں بلب ہے آپ کہنے کو معالج ہے
یہ کالج ہے

یہ سینما ہے
یہاں ہم جیسے بے فکروں کا میلہ ہے
یہاں پر بالغوں کی فلمیں نابالغ ہی تکتے ہیں
قلوب ِ درد منداں ہے ، پریشانی ہے ، سکتے ہیں
یہ دیسی اور بدیسی تاجران ِ فن کا دھندہ ہے
یہ سینما ہے

یہ تھانہ ہے
یہ لمبی لمبی مونچھوں والے لوگوں کا گھرانہ ہے
ارے کیا پوچھ بیٹھے ہو
یہاں پر کام کیا چوروں اُچکوں کا
وہ رشوت دیتے ہیں اور چھوٹ جاتے ہیں
یہاں پر تیرے میرے ابو مرغا بننے آتے ہیں
یہاں اپروچ والوں کا زمانہ ہے
یہ تھانہ ہے

ساس کو دیکھا تو ہر جی دار پنکچر ہو گیا
گن کے آگے سینہءتلوار پنکچر ہو گیا
عشق کی ہٹی میں ڈاکہ مار کر بھاگے تھے ہم
چوک پر آ کر دلِ غدار پنکچر ہو گیا
راس نہ آئی کسی انگنائی کی آب و ہوا
ہر کہانی میں مرا کردار پنکچر ہو گیا
عزم تھا کہ چھو کے آنا ہے کسی معراج کو
فورچن تھا کہ گلی کے پار پنکچر ہو گیا
آج ہی مورال کی ٹیوننگ کرا کر لائے تھے
قیمتیں سن کر مگر یکبار پنکچر ہو گیا
کوئی غربت میں بھی پھولا ہے غبارے کی طرح
کوئی پا کر عزتِ دربار پنکچر ہو گیا
کار تھی مانگے کی لیکن شان تو بن ہی گئی
کار کو دیکھا تو ہر بیکار پنکچر ہو گیا
دل کی ڈکی میں تو اسٹیپنی نہیں ہے صبر کی
یہ کہاں آ کر ہمارا پیار پنکچر ہو گیا
ارتقاء کی روڈ پر آ تو گئی ہے زندگی
جی حضوری سے مگر پندار پنکچر ہو گیا
ہم گلوکاری کا موٹر وے سمجھتے تھے اُسے
جس حلق میں آن کر ملہار پنکچر ہو گیا
بے گناہی پر بھی لترولا گیا ہے رات بھر
جا کے تھانے میں ہمارا یار پنکچر ہو گیا
شام کو اپنے دولہا کے ساتھ نکلی تھی کہیں
دیکھ کر گلنار کو گلزار پنکچر ہو گیا
اِک ذرا جوڈو کراٹے کھیل بیٹھے تھے رقیب
سر ہمارا برسرِبازار پنکچر ہو گیا
کس طرح چلتا یہاں کی ڈب کھڑبی روڈ پر
کار کا ٹائر تھا کچھ خوددار پنکچر ہو گیا
خطۂ لاہور سے منجوا کے لایا تھا زباں
جب سنے مجھ سے مرے اشعار پنکچر ہو گیا

شکاری

چلے تھے شیر کے شکار کے لئے
مگر وہ گیٹ سے پلٹ کر آ گئے
یہ بڑبڑا رہے تھے وہ
پڑوسیوں کو کیا کہیں
سگانِ جانگلوس کو
کھلا ہی چھوڑ دیتے ہیں

تم

تیرے وعدوں پر یقیں آتا ہے کم
جھوٹ کا طومار لگتے ہو مجھے
ہانکتے ہو اِس قدر بے پر کی تم
شام کا اخبار لگتے ہو مجھے

۔۔۔۔۔

کس نام سے پکاروں

مدتوں کے بعد دو ناکام عاشق جب ملے
خو گرِ حالات ہونے میں مصیبت پڑ گئی
رشتہ و القاب باہم طے ہوئے یا نہ ہوئے
اُن کے بچوں کو مگر ماموں ملا ، پھوپھی ملی

ہمشکل

میرا ہمشکل تھا کس قدر فوت تو میں ہوا تھا مگر اُس کو لوگوں نے دفنا دیا

پنکی

یارو ! مجھ سے اِس بارے میں ایویں ہی پنگا نہ لو
تم سب دور ہٹو
پنکی میری ہے
تم ہو کون جو پنکی کے نینوں پہ آہیں بھرتے ہو
اُس کے جلوؤں پر مرنے کا کس نے دیا ہے حق تم کو
دیکھو دیکھو ایسی باتیں کر کے میرے منہ نہ لگو
تم سب دور ہٹو
پنکی میری ہے
پنکی کے کالج کے باہر کیوں منڈلاتے ہو جا کر
اور کسی مٹیار کا سینڈو تم کو پھینٹ نہ دے آ کر
اپنا نہیں تو اپنے ”ماپے“ کی عزت کا پاس کرو
تم سب دور ہٹو
پنکی میری ہے
اس کی آنٹی میرے گھر کے عین برابر رہتی ہے
اس کی مما ہنستی ہے تو مجھ کو ناٹی کہتی ہے
تم سے تو گل بات نہیں ہے ، تم کیوں بیچ میں گھستے ہو
تم سب دور ہٹو
پنکی میری ہے
اس کی چیچی میں جو چھلا ہے وہ میں دیا اُسے
اس کے ہاتھ میں جو ریکٹ ہے ، میں نے پریزنٹ کیا اُسے
اس کی خاطر اس کے پیو کے ناز اُٹھائے ہیں سو سو
تم سب دور ہٹو
پنکی میری ہے
کل کو اس نے دلہن بن کر میرے گھر میں آنا ہے
میرے حصے کی شامت ہے ، میرا تانا بانا ہے
بہتر ہے کہ آج سے اس کو بہن کہو ، بھابھی سمجھو
تم سب دور ہٹو
پنکی میری ہے

آپ جن کے قریب ہوتے ہیں
وہ ہمارے رقیب ہوتے ہیں

اُن کو میک اپ کا نور چہ معنی
جن کے دل ہی مہیب ہوتے ہیں

بل جو دیکھا تو بلبلا اٹھا
کتنے قاتل طبیب ہوتے ہیں

بولتے ہیں جو دورِ نو میں سچ
وہ عجیب و غریب ہوتے ہیں

کتنے کوؤں کو ہے غلط فہمی
روکشِ عندلیب ہوتے ہیں

جاب ملتی ہے اُن کو کسٹم میں
جو ذراخوش نصیب ہوتے ہیں

ڈھیٹ پن ہے کہ اِس زمانے میں
لوگ شاعر ادیب ہوتے ہیں

پالا رقیب سے جو ترے گھر میں پڑ گیا
جو دل کا درد تھا وہ مرے سر میں پڑ گیا
میں بھی شکار ہو گیا تیرِ نگاہ کا
ایک اور نام اُن کے رجسٹر میں پڑ گیا

۔۔ ق ۔۔
افسانوی محبتیں افسانہ کر گئیں
خاتون کا نصیب تو چکر میں پڑ گیا
آئیڈیل کا بھوت کسی کا نہ ہونے دے
اختر میں گھس گیا کبھی انور میں پڑ گیا
۔۔۔۔

جن کو مرے نصیب بھی سنسر نہ کر سکے
ایک ایسا سین ذیست کی پکچر میں پڑ گیا
کیوں میرے حالِ زار کی اُس کو خبر نہیں
کیا کوئی نقص دیدۀ دلبر میں پڑ گیا
آیا تھا شیخ توبہ کئے ، وعظ کے لئے
محفل میں تیری اور ہی چکر میں پڑ گیا

نیند پر نہ مار شبخوں یار آدھی رات کو
سن نہیں سکتا ترے اشعار آدھی رات کو

ضد ہوئی ہمسائے کو کیسی مری ملہار سے
روز ہو جاتی ہے کیوں تکرار آدھی رات کو

آپ کے اجداد کا پیشہ تو اسمگلنگ نہ تھا
آپ جاتے ہیں کہاں سرکار آدھی رات کو

کیا کہوں کوئی حسینہ کیوں مرے ہر خواب میں
ڈال دیتی ہے گلے میں ہار آدھی رات کو

نو سے بارہ دیکھنے کے شوق میں اندر ہوا
مل گیا تھا ایک تھانیدار آدھی رات کو

چُپ چپیتے کاٹ لیں جمعہ مبارک کس لئے
آؤ دیکھیں مل کے وی سی آر آدھی رات کو

خان صاحب درد دِل کہنے کو جائیں تو کہاں
یاد آ جائے اگر نسوار آدھی رات کو

خواب میں آخر اُسے لے آئے راہِ راست پر
پی رہے ہیں شربت ِ دیدار آدھی رات کو

آج تو اپنے ہی گھر میں داخلہ دشوار ہے
بن گئی بیگم مری تاتار آدھی رات کو

پی کے نزلے کی دوائی (دخت ِ رز) الٹے ہوئے
بڑھ گئی تھی اک ذرا مقدار آدھی رات کو

اِس پہ سن اسٹروک کا حملہ نہ ہو چارہ گرو
چاند لگتا ہے مجھے بیمار آدھی رات کو

ہو گیا ہے فرقت ِ رشوت کا ڈپریشن مجھے
جاگتا ہوں صورت ِ زر دار آدھی رات کو

ایک ہی مصرع کہا تھا میرے کتے نے ظفر
کس قدر بھونکے گئے اشعار آدھی رات کو

آخر کب تک پاپ میاں
دھر دے فل اسٹاپ میاں

جس کی لاٹھی اُس کی بھینس
اب بھی سمے کی تھاپ میاں

مجھ کو نصیحت کرتا ہے
اور فضیحت آپ میاں

رقصِ عریاں زندہ باد
باقی فلم فلاپ میاں

خود بونا ہو جائے گا
میرا قد نہ ناپ میاں

شاعر تو اک چمنی ہے
شعر ہیں دل کی بھاپ میاں

پی آر
ایک شاعر مجھ سے فرمانے لگے
شعر گوئی آپ پر جچتی نہیں
آپ کو شاعر کوئی کیسے کہے
آپ کی پبلک ریلیشن ہی نہیں

اِس حمام میں

طمع کس کی ہے جو خفتہ ہے اب تک
نظر کس کی ہے جو کانی نہیں ہے
کرپشن سب کی ظاہر ہو چکی ہے
یہ ٹوپی اب سلیمانی نہیں ہے

سیلاب

گھر گیا ہے ہر کوئی سیلاب میں
ہنس رہی ہے بیکسی سیلاب میں
آنکھ ماری تھی زمیں کو چرخ نے
منہ چھپا کر رہ گئی سیلاب میں
آنسہ باراں کا اسکینڈل بنی
حشر سے وابستگی سیلاب میں
اِس قدر بادل کبھی مچلے نہ تھے
کیوں بدل لی تیوری سیلاب میں
ہائے تندریلوں کی غنڈہ گردیاں
چار دیواری چلی سیلاب میں
مٹ گیا فرقِ مکان و لامکاں
چھت مکاں کی گر پڑی سیلاب میں
سارا پاکستان سوئمنگ پول ہے
شوق فرمائیں اخی سیلاب میں
کچھ بجز لنگوٹ باقی نہ رہا
تیرتا ہے سیٹھ بھی سیلاب میں
ہر کوئی لگتا ہے آبی جانور
خان ہو یا چودھری سیلاب میں
آ گئی بہ حیلۂ ریلیف کیمپ
پھر سیاست کلمونہی سیلاب میں
پھر رہی ہے لے کے ہیلی کاپٹر
ہر طرح کی لیڈری سیلاب میں
دیر جب فوٹو گرافر کو ہوئی
رُک گئی امداد بھی سیلاب میں
ٹھیکیداروں کی تو چاندی ہو گئی
بہہ گئے گھپلے سبھی سیلاب میں
ہم پلنگ پر بیٹھ کر ملنے گئے
وصل کی ٹھہرائی تھی سیلاب میں
۔۔۔ق۔۔۔
صورتِ ملکی معیشت کیا کہوں
کس قدر مریل ہوئی سیلاب میں
چال تھی پہلے ہی کچھوا مارکہ
اور بھی دھوتر بنی سیلاب میں
۔۔۔۔۔۔۔
دل کو کب آتا ہے نچلا بیٹھنا
سوجھتی ہے شاعری سیلاب میں
بہہ گئے گھر با ر تو بزم ِ سخن
ایک ٹیلے پر جمی سیلاب میں

چلو اِک بار پھر سے ۔۔۔۔

چلو اِک بار پھر سے اجنبی بن جائیں ہم دونوں

تو انٹرنیٹ کھولے اور چیٹنگ روم جا پہنچے
کسی رومانوی چینل پہ ہوں میں منتظر تیرا
بڑے ہی مان سے تجھ سے میں پوچھوں تیرا اے ایس ایل
تو لکھے سترہ برسوں کی ، وطن انگلینڈ ہے میرا

میں لکھوں بیس کا سن ہے ، میں ٹورانٹو میں بیٹھا ہوں
یہیں اِک اشتہاری کمپنی میں جاب ہے میری
تو لکھے میں نمانی ہوں ، ادب سے شغل رکھتی ہوں
میں لکھوں ہائے اُف اللہ ، تہی تو خواب ہے میری

تو لکھے کیٹس اور ٹیگور پر میں جان دیتی ہوں
میں لکھوں کون ہیں یہ جو رقابت پر ہیں آمادہ
تو لکھے آنجہانی ہیں ، بڑے معروف شاعر تھے
میں لکھوں پارڈن می ، کیا سمجھ بیٹھا تھا میں سادہ

بہت سی ہم میں باتیں ہوں ، بہت سی فقرہ بازی ہو
بہت سے جھوٹے افسانے کہیں اِک دوسرے سے ہم
یوں اِک دوجے میں کھو جائیں ، بھلا دیں ساری دنیا کو
بھلا دیں وقت کی ظالم حقیقت کو سرے سے ہم

بھلا دیں وقت کو ایسے ، خبر نہ ہو سکے یکسر
یونیورسٹی سے بیٹا اور بیٹی لوٹ آئے ہیں
تو اُن کی ھلکھلاہٹ سن کے سی پی یو کو شٹ کر دے
اُنہیں معلوم ہے ماں باپ نے جو گل کھلائے ہیں

ہمیں وہ لیلیٰ مجنوں کہہ کے چھیڑیں اور ہم بوڑھے
بہت جھینپیں ، جوانوں سے بہت شرمائیں ہم دونوں
مگر جب اگلا دن آئے ، یہی تم سے ہو فرمائش
چلو اِک بار پھر سے اجنبی بن جائیں ہم دونوں

(مرحوم قتیل شفائی کی غزل کی پیروڈی)

اپنے نوٹوں کی ہواؤں میں ا ُڑا لے مجھ کو
میں ہوں لوٹا تو نصیب اپنا بنا لے مجھ کو
میں محرر ہوں تو چل مجھ سے بچا کر دامن
میں جو افسر ہوں تو پپا سے ملا لے مجھ کو
میں کھلی بوری میں رکھا ہوا گُڑ ہوں پیارے
پاؤ دو پاؤ کبھی تو بھی منگا لے مجھ کو
ایک دو نوٹ ادا کر کبھی میری خاطر
تُو کبھی کال تو کر بھولنے وا لے مجھ کو
مجھ سے تُو پوچھ رہا ہے کہ کرپشن کیا ہے
یہ تری سادہ دلی مار نہ ڈالے مجھ کو
تُو نے دیکھا نہ کبھی توند سے آگے کچھ بھی
ڈرتا رہتا ہوں کسی روز نہ کھا لے مجھ کو
لاکھ دو لاکھ ہیں کیا بینک ہی کھا جاؤں ظفر
شرط یہ ہے کوئی تھانے سے بچا لے مجھ کو

ہوشیار باش

کسی لڑکی کو مت چھیڑو
وہ غصے میں پلسئے کو بلا لائی تو پھر بھی خیر ہے لیکن
کسی قاضی کو لے آئی تو کیا ہو گا؟؟

بجٹ کی آمد

ہوئی تیار نوکر شاہی پھر سے
دکھانے کو کرامت آ رہی ہے
بجٹ کا صور پھونکا جا رہا ہے
گرانی کی قیامت آ رہی ہے

۔۔۔۔۔

تازہ اخبار

یہ قتل یہ فساد یہ ڈاکے یہ حادثے
اخبار دیکھ کر مجھے چکر سا آ گیا
کیا واقعی یہ آج کا اخبار ہے ظفر
یا تو کسی وکیل کی فائل تھما گیا

۔۔۔۔۔۔۔

سرزنش

شریفوں کے نہیں ہوتے ہیں یہ لچھن
کہے دیتا ہوں تجھ سے گالیاں نہ دے
میں تیرے کان جڑ سے کھینچ ڈالوں گا
ابے الّو کے پٹھے گالیاں نہ دے

وہ خود کو یوسفِ ثانی کہیں تو لوگ کیا مانیں
جنہیں بندر کہا جائے تو بندر بھی برا مانیں

لغت کی رو سے ہم جس کو شُتر غمزہ بھی کہتے ہیں
مزاجِ یار میں ہو تو ادائے دلکشا مانیں

حسینوں نے تو جیسے یہ تہیہ کر کے رکھا ہو
فدا جن پر بھی ہوں ہم کو وہی کھسکا ہوا مانیں

وہ طوطے کی طرح ہم سے نگاہیں پھیر لیتی ہے
مگر کس دل سے ہم اُس بے وفا کو بے وفا مانیں

ذرا لترول ہو جائے تو تجھ پر مرنے والے بھی
وفا کو جرم ٹھہرائیں ، محبت کو خطا مانیں

زمانِ نو میں لگتا ہے ، یہی فیشن کی منطق ہے
ترے فطری لبادے کو لباسِ فاخرہ مانیں

جنہیں پانی نہیں ملتا اُنہیں تم عطر دیتے ہو
جنہیں روٹی نہیں ملتی وہ آئی ٹی کو کیا مانیں

سمجھتے ہیں مآلِ ہڈ حرامی ناسپاسی ہے
زمانے سے تقاضہ ہے ہمیں ہم سے سوا مانیں

نہیں کہ پاپ موسیقی سے ہی پرہیز کرتے ہیں
کلاسیکی بھی سن لیں تو اُسے بھی ہم سزا مانیں

خدا کی شان کہ جس نے ہمیشہ ہم کو لوٹا ہے
اُسی کو رہنما جانیں ، اُسی کو ناخدا مانیں

ظفر ہم پھانکتے ہیں تو یہ آنکھیں ٹھہر جاتی ہیں
بھلا جمہوریت کے زہر کو کیسے دوا مانیں

٭ ٭ ٭

آپ یا ہم ہیں کہاں قوال ہیں ، جتنے بھی ہیں
ترجمانِ حضرت اقبال ہیں ، جتنے بھی ہیں

سچ کو سب نے جھوٹ کہنا ہے ، اگر کمزور ہے
جو ہے طاقتور ، ُاسی کے نال ہیں ، جتنے بھی ہیں

مفت میں تو فیرنی پر رال ٹپکاتے نہیں
طالعِ یاراں رہینِ دال ہیں ، جتنے بھی ہیں

اِک ذرا گھربار کے ہو لیجئے پھر دیکھئے
رہ نہ پائیں گے جو سر پر بال ہیں ، جتنے بھی ہیں

ناک اِن سے غیر کی اولاد کیوں پونچھا کرے
تحفتاً میرے دیے رومال ہیں ، جتنے بھی ہیں

روز شیشہ توڑ دیتے ہیں ہمارے ظرف کا
بال بچے جان کا جنجال ہیں ، جتنے بھی ہیں

تو دلہن بننے چلی تھی ایک پنڈی وال کی
تیرے سسرے کس لئے چکوال ، ہیں جتنے بھی ہیں

دیکھنا آخر کو افلاطون بھی پھنس جائے گا
حسن والوں کے سنہرے جال ہیں ، جتنے بھی ہیں

آپ اِن میں سے کسی پر بھی عمل کرتا نہیں
دل لبھاتے یار کے اقوال ہیں ، جتنے بھی ہیں

٭ ٭ ٭

ہر دولتی کی حکایات نہیں کہتے ہیں
یار مارے تو اُسے لات نہیں کہتے ہیں

تم جو بھگتانے کو آ جاتے ہو رسمِ دنیا
ایسے ملنے کو ملاقات نہیں کہتے ہیں

ہم سنا آتے ہیں حالات زمانے بھر کے
وہ جو کہنی ہو وہی بات نہیں کہتے ہیں

جانے کب کون کہاں غوطہ زنی کر جائے
سب کی ہمراہی کو ہم ساتھ نہیں کہتے ہیں

سچ کو سچ کہنے کے اوقات مقرر کر لو
ایک ہی بات تو دن رات نہیں کہتے ہیں

سالیاں ، ساس ، سسر ، سالے سبھی غم پالے
تم سے لیکن سبھی صدمات نہیں کہتے ہیں

آفریں کہئے اگر بازیگروں کا فن ہے
ہو سیاست تو کمالات نہیں کہتے ہیں

جو مفادات کے انڈوں سے نکالے جائیں
ایسے چوزوں کو نظریات نہیں کہتے ہیں

ہاتھ ہے قوم کے لیڈر کا سو گچی پہ رہے
ہم سوالات و جوابات نہیں کہتے ہیں

نظرانداز کیا جاتا ہے خراٹوں کو
کیوں اِنہیں قومی نشریات نہیں کہتے ہیں

لفٹ دیتی نہیں کڑیاں سو کنوارے ہیں ہم
اپنی دانش کی کرامات نہیں کہتے ہیں

کیسے سمجھے گا یہ امریکا بہادر ، ہائے !
ہم ہیں انساں ، ہمیں حشرات نہیں کہتے ہیں

ہم نے لکھے ہیں اگر شعر وغیرہ اُن پر
تم کہو ، وہ تو خرافات نہیں کہتے ہیں

۔۔ ق ۔۔
بیس سو پانچ میں مانگی تھی دعائے رحمت
اور امریکا کو سوغات نہیں کہتے ہیں

اب کے کیا جانے بلا کون سی اترے ہم پر
سالِ نو ہم تو مناجات نہیں کہتے ہیں
۔۔۔۔

آپ کھائیں گے اڑنگی تو سمجھ جائیں گے
ہم ابھی صورتِ حالات نہیں کہتے ہیں

ہم نے مانا کہ ظفر شادی شدہ ہو ، پھر بھی
زندگانی کو حوالات نہیں کہتے ہیں

غریبوں کی محبت کا بھی کوئی ریٹ ہوتا ہے
سمے ہو بھی خوشی کا تو ہمیشہ لیٹ ہوتا ہے

فسانہ حجرۂ دِل کا اسیر غم سنائے کیا؟
دریچہ اِس میں ہوتا ہے نہ کوئی گیٹ ہوتا ہے

کوئی جذبہ ہے ایسا بھی جو مر سکتا نہیں ہرگز
کوئی فیشن ہے ایسا بھی جو اپ۔ ٹو۔ ڈیٹ ہوتا ہے

نیامِ ذات میں رکھتا ہے جو شمشیرِ خود داری
جہادِ زندگانی میں سدا لملیٹ ہوتا ہے

یہ بھاری بھاری توندیں تو امیروں کو مبارک ہوں
غریبِ شہر کی تقدیر میں تو پیٹ ہوتا ہے

ظفر اِک منچلا ارمان دم لینے نہیں دیتا
کبھی افسانہ بنتا ہے کبھی سانیٹ ہوتا ہے

ایک گنوار اور سپاہی

(لامہ اقبال کی شہرۀ آفاق نظم ” ایک پہاڑ اور گلہری “ کی پیروڈی)

کوئی گنوار یہ کہتا تھا اِک سپاہی سے
تجھے ہو شرم تو یوں نہ اکڑ کے بات کرے
ذرا سا عہدہ ہے اِس پر غرور ، کیا کہنا
یہ عقل اور یہ سمجھ ، یہ شعور ، کیا کہنا
خدا کی شان ہے ناچیز چیز بن بیٹھا
تو کیا سمجھ کے مجھے بدتمیز بن بیٹھا
تری بساط ہے کیا میری شان کے آگے
تجھ ایسے باندھ کے رکھتا ہوں تھان کے آگے
جو بات مجھ میں ہے تجھ کو بھلا نصیب کہاں
میں چوہدری کہاں ، تو عام سا غریب کہاں
کہا یہ سن کے سپاہی نے منہ سنبھال ذرا
یہ کچی باتیں ہیں دل سے اِنہیں نکال ذرا
میں چوہدری نہیں تیری طرح تو کیا پروا
نہیں ہے تو بھی تو مجھ جیسا بادشاہ بندہ
ہر ایک چیز سے پیدا خدا کی قدرت ہے
جو میں پلس میں ہوں تو یہ بھی اُس کی حکمت ہے
بڑا جہان میں تجھ کو بنا دیا اُس نے
مجھے بھی تجھ سے نمٹنا سکھا دیا اُس نے
قدم اُٹھانے کی ہمت نہیں ذرا تجھ میں
جو میں نہ چاہوں تو جرات نہیں ذرا تجھ میں
یوں اپنی مونچھ کے کنڈل سے نہ ڈرا مجھ کو
اِس اپنے چھکڑے کا لیسینس تو دکھا مجھ کو
اگر نہیں ہے تو کر چھیتی مک مکانے میں
کوئی بڑا نہیں رہتا ہے ورنہ تھانے میں

شرافت وغیرہ

دفاتر کی دنیا میں وہ سرخرو ہیں
جو کھاتے ہیں رشوت کی دولت وغیرہ
یہاں دوسرا نام ہے بزدلی کا
دیانت وغیرہ ، شرافت وغیرہ

۔۔۔۔۔۔

کب معمہ ہے سمجھنے کا یا سمجھانے کا
ساس تو نام ہے اِک ذیست کے ہرجانے کا

زندگی خوش ہے تری زلف میں پھنسوا کے مجھے
ڈھونڈتی ہے کوئی حیلہ مجھے لٹکانے کا

تُو نے دیکھا کبھی گرگٹ کو بدلتے ہوئے رنگ
کبھی دیکھو ناں تماشہ کسی یارانے کا

اب اِسے عقد کی سولی پہ چڑھا دے ماسی
یونہی پھرنا نہیں اچھا ترے عرفانے کا

زاہد و رند مباحث میں پڑے رہتے ہیں سلسلہ لوٹے سے ملتا تو ہے پیمانے کا

ہر نفس بابوِ خستہ کا گواہی ہے ظفر نوکری نام ہے مر مر کے جئے جانے کا

جھوٹ

میرے باس نے بولا جھوٹ
سچ سے بھی ہے سچا جھوٹ
چٹے مکھڑوں کی خوبی
جیسی رنگت ویسا جھوٹ
کیوں نہ پوت وکیل بنے
بکتا ہو جب ابا جھوٹ
کحڈے ڈال بزرگی کو
کاروبار میں ہو گا جھوٹ
شیخ طہارت کے قائل
جھوٹ بھی اِن کا ستھرا جھوٹ
لیڈر کی تقریر سُنی
توبہ کتنا جھوٹا جھوٹ
میرا عشق مرا دہو کہ
تیرا وعدہ تیرا جھوٹ
میک اپ صاف بتاتا ہے
حسن تمہارا پکا جھوٹ
سب کے دل کو لگتا ہے
سچے لوگوں والا جھوٹ
شعر سنے تو چلایا
بول رہا ہے سالا جھوٹ
غیبت کیا کرتے ہو ظفر
شاعر آپ سراپا جھوٹ

وجہ

بیوی بولی
طنز و طعن کا مرکز کاہے کو عورت ہے
پاگل خانوں میں تو مردوں کی کثرت ہے

شوہر بولا اِس سے ظاہر ہو جاتا ہے کون کسے پاگل کرتا ہے

رقیبوں سے ترے کوچے میں مجلس کر کے رہتے ہیں
دماغوں میں خرابی ہو تو سروس کر کے رہتے ہیں
شب ِ وعدہ تو ملنے آ نہیں سکتے مگر پھر بھی
سیاسی لیڈروں والے پرامس کر کے رہتے ہیں
ہماری ٹیم کے لڑکے مسوں کے بن گئے خادم
کہ جو بھی گول کرنا ہو اُسے مس کر کے رہتے ہیں
رکیں تو ہم سا کاہل کوئی دنیا میں نہیں لگتا
چلیں تو منزلِ مقصود کو کس کر کے رہتے ہیں
محبت کی شرارت ہو یا شادی کی حماقت ہو
ہمیں جس کام سے روکے چھٹی حس ، کر کے رہتے ہیں
دلوں کے تخت اپنے لیڈروں کو پیش کرتے ہیں
مگر جب موج میں آئیں تو ڈسمس کر کے رہتے ہیں
بسا اوقات ہم کو نیند آ جاتی ہے گھر میں بھی
بسا اوقات ہم گھر کو بھی آفس کر کے رہتے ہیں
ظفر ہمت نہ ہاریں گے کسی کی لن ترانی سے
ہم ایسے لوگ ہیں جو دیٹ کو دِس کر کے رہتے ہیں

کسی درزی سے خطا ہو جائے
نئے فیشن کی بناء ہو جائے
دل بدستور ہے تم پر لٹو
اب تو بالغ یہ ذرا ہو جائے
وہ جو لگتی ہے تمہیں ایویں سی
وہی میک اپ سے بلا ہو جائے
جنج پھنس جائے ٹریفک رش میں
کسی لاڑے کا بھلا ہو جائے
اُس کا جھانپڑ بھی ہے تھپکی جیسا
جس کے ہاتھوں میں شفا ہو جائے
روٹھتا ہے تو مرے ٹھینگے سے
ہو رہا ہے تو خفا ہو جائے
سانولا پن ہے رہین ِ میک اپ
ورنہ بالکل ہی توا ہو جائے
جھوٹ بکنے میں ہے ماہر خاصا
قوم کا راہنما ہو جائے
جاب مل جائے اگر کسٹم میں
سات پشتوں کا بھلا ہو جائے
بڑھنے دیجے نہ گرانی اتنی
بے ایمانی بھی روا ہو جائے
دوسری بار نہیں پوچھوں گا
آپ راضی بہ رضا ہو جائے
سب حسینوں سے تعلق رکھئے
جانے کب کس سے وفا ہو جائے
کھا رہا ہوں ترے غم میں بھٹے
ایکا ایکی مجھے ” تا “ ہو جائے
تیرے پپا سے مجھے کہنا ہے
تیری نسبت سے مرا ہو جائے
وہ جو اب ڈوب چلا ، دور دفع !
چڑھتے سورج کی ثنا ہو جائے
ہو چلا ہوں میں دلہن کو پیارا
میرے حق میں بھی دعا ہو جائے
اب دوائی نہیں ملتی اصلی
درد ہی بڑھ کے دوا ہو جائے
وعدۂ وصل بجٹ کی صورت
حاصلِ بیم و رجا ہو جائے
عقل کی غوطہ زنی فرمائیں
ناوکِ چشم خطا ہو جائے

ایسے کلجگ میں مناسب ہو گا
ہر کوئی چکنا گھڑا ہو جائے
یونہی بیکار نہ بیٹھو یارو !!
کچھ نہیں ہے تو جوا ہو جائے
ہم ہیں شرفاءسو رہیں گے بزدل
جو بُرا ہے وہ بڑا ہو جائے
پھیل جائے یہ مرض دنیا میں
حق پرستی بھی وباء ہو جائے
جب اُسے شعر سنانے بیٹھوں
کون جانے اُسے کیا ہو جائے

(پروین شاکر مرحومہ کی غزل کی پیروڈی )

ٹوٹے کسی کی نیند ، مگر تم کو اِس سے کیا
کرتے رہو خراٹے نشر ، تم کو اِس سے کیا

تم روز روز سینڈل بکف گھومتی رہو
پھٹ جائے میرے یار کا سر ، تم کو اِس سے کیا

تم کو مری سوات کی سیروں سے ہے غرض
پنڈی میں جی نہ پائے بشر ، تم کو اِس سے کیا

اوروں کا ہاتھ تھامو ، مجھے ٹھینگے پر دھرو
میں چوز کر لوں کوئی سسر ، تم کو اِس سے کیا

تم نے تو بیڈروم میں اے سی لگا لئے
چٹخے ہماری ٹنڈ ظفر ، تم کو اِس سے کیا

حسن کی دیوی

اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
دل اُس پہ فدا چار بٹا چار ہوا تھا

ہر روز مسنجر پہ وہ کرتی تھی مجھے تا
پابندی سے میں نیٹ پہ لاگ اِن ہوا کرتا
چیٹنگ کا مجھے بھی تھا اُسی کی طرح چسکا
گھنٹوں بنا کرتا تھا میں الو بلا ناغہ
کیا شوق تھا میں جس میں گرفتار ہو ا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا

میں نے تو بتایا تھا کہ میں ہوں فرانسیسی
تصویر کسی گورے کی ای میل بھی کی تھی
اُس نے بھی جواباً مجھے تصویر جو بھیجی
لگتی تھی کسی فلمی اداکارہ کی کاپی
کیا جانے مری عقل کو کیا یار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا

چیٹنگ کو بہت ”نِک“ تھے اگرچہ سرِ یاہو
طاری تھا فقط ”ناز اٹھارہ“ کا ہی جادو
یکطرفہ نہ تھی میری محبت کسی پہلو
اُس نے بھی کئی بار کہا تھا مجھے۔لو یو
احساس کا جذبات کا اظہار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا

کچھ روز کٹے یونہی برا وقت جب آیا
ظالم نے مجھے باتوں ہی باتوں میں بتایا
بیٹے کے لئے مانگ چکا ہے مرا تایا
لے جائے گا منگل کو مجھے اللہ وسایا
مت پوچھ کہ کیا سُن کے یہ یکبار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
میں نے کہا وہ وعدے وہ قسمیں وہ محبت
کہنے لگی سمجھو کہ حماقت تھی حماقت
طے کر سکو پیرس سے جو پنڈی کی مسافت
دیتی ہوں تمہیں شادی میں شرکت کی میں دعوت
پھر اُس کا پتہ پڑھ کے میں بیدار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا

وہ حسن کی دیری تو پڑوسن مری نکلی
تو لڈو جو کھائے تھے وہ منگنی تھی اُسی کی
چکر مجھے دیتی رہی بلقیس کی بچی
تصویر جو بھیجی تھی اداکارہ کی ہی تھی
میں کیسے گدھا بننے پہ تیار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا

وہ اب بھی اسی نِک سے مجھے کرتی ہے ہیلو
ظفرا ؔ ہوں یہ میں نے بھی بتایا نہیں اُس کو
موضوعِ سخن اللہ وسایا بھی ہے اب تو
وہ اللہ وسایا کہ مر ا یار بھی ہے جو
ہنستا ہوں کہ کیا تیر تھا جو پار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا

معمولات

اپنے وطن میں کون سی انہونی بات ہے
دیکھا نہ کیجئے یونہی چشمہ اُتار کے
ایسے بھی مہربان ہیں اپنی پولیس میں
نوٹوں کو کاغذات سمجھتے ہیں کار کے

۔۔۔۔۔۔

بیوی کی دہائی

مصارف بجٹ سے سوا ہوں تو ہوں
ستمگار شوہر کو پروا نہیں
اُٹھے ہیں کسی یار کے لنچ پر
یہ بیوی کی شاپنگ کا خرچہ نہیں

آپ جسکے سامنے سرتاج سے” اوئے“ ہوئے
پوچھتی ہے رات بسرائی کہاں موئے ہوئے

اومنی بس میں گھسے تھے یا کسی پنڈال میں
ناک بھی چپٹی ہوئی، چہرے پہ بھی ٹوئے ہوئے

کر رہے تھے ٹیکس والے تاجروں سے ٹاکرا
دیکھ کر آیا ہوں میں کٹے کئی چوئے ہوئے

شہر تو بس دو طرح کے رہ گئے ہیں ملک میں
یا دھوئیں میں گمشدہ یا گرد میں کھوئے ہوئے

کیا خبر کہ وقت نے ماری ہیں کتنی جوتیاں
ہم تو روزِ آفرینش سے ہیں” ٹن“ سوئے ہوئے

ہر دفعہ ہوٹنگ ہوئی اُن پر سرِ بزمِ سخن
ہر دفعہ موصوف آ ٹپکے ہیں منہ دھوئے ہوئے

میری طرح تو بھی ذرا شادی رچا گھربار کر
یعنی مرے کہنے کا یہ مطلب ہے کہ بیگار کر
کھل جا بوقتِ گفتگو ، کاہے کو ہکلاتا ہے تو
دل کا فسانہ چھیڑ دے ، گلنار کو گلنار کر
مسٹر سے پینڈو ہیں بھلے ، رکھتے نہیں توندیں کسے
مت پڑ عذابوں میں ارے ، پتلون کو شلوار کر
رکھ دے ثقافت کی بناء، سب کا اِسی میں ہے بھلا
ڈھولک بجا ، تانیں اُٹھا ، اِس قوم کو بیدار کر
مکھی اگر بیٹھے کہیں ، گالوں پہ آ کے ہمنشیں !
منہ لال کر لیتے نہیں یونہی طمانچے مار کر
ہو رانگ نمبر تو وہیں ، کہہ دے کہ کوئی گل نہیں
آواز ہو گر دلنشیں ، دل کھول کر تکرار کر
سرکار کی ہے پالیسی ، پہچان سرِّ زندگی
یونہی اُٹھا نہ ٹوکری ، کشکول کو دستار کر
ممکن نہیں تجھ سے کہ تو ہر داغِ عالم دہو سکے
لیکن جو تجھ سے ہو سکے ، اے صاحبِ کردار کر
شوقِ سخن میں یوں نہ چِر ، ہر آتے جاتے پر نہ گر
غزلیں سنانی ہیں تو پھر ، نوکر کوئی ماہوار کر

گزرتے ہوئے یوں تو کھنگے سبھی تھے
حمامِ اسمبلی میں ننگے سبھی تھے

مذمت کی تحریک کیا پیش کرتا
تو بے شرم تھا تو تلنگے سبھی تھے

مجھے لات پیچھے سے کس نے جمائی
مرے قافلے میں تو چنگے سبھی تھے

محبت کو بکواس گردانتے ہیں
سو اُن کی نظر میں لفنگے سبھی تھے

مری جان ! تو شمعِ دیدہ تھی کس کی
مری جان ! تیرے پتنگے سبھی تھے

وضعدار گو آج بن تو رہے ہیں
زمانے کے ہینگر پہ ٹنگے سبھی تھے

محبت ، رقابت ، سیاست ، شرارت
میں کالج میں تھا تو یہ پنگے سبھی تھے

پئے وصل ہفتے کا اِک روز ہی کیوں
ترے عاشقوں نے تو منگے سبھی تھے

یوں کرنے کو کرتے رہے سب بھروسہ
مگر یار لوگوں کے ڈنگے سبھی تھے

الیکشن میں آئے تھے معصوم بن کر
مگر نیتوں کے ترنگے سبھی تھے

ظفر ہی نہ بابو کے گیٹ اپ سے نکلا
ترے آستاں پر ملنگے سبھی تھے

مماثلت

میرا محبوب بھی آیا نہ ہو واشنگٹن سے
اپنی خو بو میں اُسی خطۂ بیداد سا ہے
بند ہوتا ہے تو عاشق پہ ہی ہوتا ہے ظفرؔ
اُس کا دروازہ بھی امریکا کی امداد سا ہے

۔۔۔۔۔

الجھن

سعادت ہے کہ اِس مہنگائی میں بھی
خدا نے جراتِ ایمانی دی ہے
مگر میں نے کیا قربان بکرا
یا بکرے نے مری قربانی دی ہے

رولے کا رولا (بالغ ٹپے)

لایا ہے رولا ۔۔۔۔۔۔۔۔موٹر کرولا
بیگم نے جل جل۔۔۔۔سر میرا کھولا

کہتی ہے کہ تُو ۔۔۔۔۔۔۔ازلی نکھٹو
تیرے کنے ہے۔۔۔۔سائیکل نہ ٹٹو

تیری وجہ سے۔۔۔مجھ پر ہیں ہاسے
سبکی ہے میری۔۔۔ہر آسے پاسے

رولے کی بیگم۔۔۔چلتی ہے کم کم
رہتی ہے موٹو۔۔موٹر میں ہر دم

بولو کہ ایسے۔۔۔ممکن ہے کیسے
اسکیل دونوں۔۔۔کے ایک جیسے

تو ہے قلندر۔۔۔وہ ہے مچھندر
سارا محلہ۔۔۔رشکاں ہے اُس پر

تو ٹاٹ ہو گا۔۔۔۔وہ لاٹ ہو گا
تجھ سے زیادہ۔۔اسمارٹ ہو گا

بے مہار غزل (آزاد غزل)

بھونکنا مجھ پہ سرِ راہے شرافت کب تھی تیرے کتے سے رقابت کب تھی

عشوہ و ناز و ادا اتنے ہتھیار لئے پھرنا حسینوں کی ضرورت کب تھی

ہاتھ اوروں کی طرح بہتی ہوئی گنگا میں دھونے کی تمنا تھی شرافت کے نمونوں کو مگر
جرات کب تھی

کام کرنے کے عیوض اُس نے اگر بھیجی پھلوں کی پیٹی
ایک سوغات تھی ، رشوت کب تھی

ٹورنامنٹ میں سب کھیل کئے تھے شامل ہاں مگر اُس میں سیاست کب تھی

مجھ کو کہتے رہے مکار تو یہ آپ کا حسنِ ظن تھا
میری تعریف تھی ، تشکیک کی صورت کب تھی

رات کے کھانے کی فہرست لکھی تھی ذرا اسٹائل سے
شاعری میں کوئی جدت کب تھی

میں جو افسر تھا تو چپڑاسی تھا میرا بھائی
جیسے ہُن اُس پہ برستا رہا ، ویسی میری قسمت کب تھی

میری پی آر نے ایوارڈ دلائے ہیں زمانے بھر سے شاعری ذریعۀ عزت کب تھی

تھی مرے بھانجے کی تحقیق کہ غالب سے بہرحال بڑا شاعر ہوں
تم میں تسلیمِ حقیقت کی جسارت کب تھی

سسرال

شوہروں کو ذیست ہے بارِ گراں سسرال میں
یاد آ جاتی ہیں سب کو نانیاں سسرال میں
دوستوں کی انتقامی کاروائی دیکھئے
لے گئے ہنستے ہنساتے بے ایماں سسرال میں
میں کہ ہوں پابستۀ تقدیر جرمِ عقد پر
مجھ سے پوچھیں شوہروں کی داستاں سسرال میں
سر بچانے کی تمنا جھوٹ کی مرہون ہے
اِک قفس کو کہہ رہا ہوں آشیاں سسرال میں
وہ سمجھتے ہیں کوئی گونگا نصیبوں پڑ گیا
آج تک کھولی نہیں میں نے زباں سسرال میں
مل گیا ہوں میں اُنہیں مشقِ ستم کے واسطے
چین لینے دیتے ہیں سالے کہاں سسرال میں
رمبا سمبا کس طرح آئے کہ جب موجود ہیں
ناچ تگنی کا نچانے سالیاں سسرال میں
ساس کو درکار کیوں ہے صرف بیگم کا مفاد
ازروئے قانون ہیں میری بھی ماں سسرال میں
ایک اسرائیل کی اسٹیٹ لگتی ہے مجھے
یوں زمیں ہے تنگ بہرِ بیکساں سسرال میں
کیا کروں سسرال والے جب مرے گھر آ بسیں
ٹھیک ہے اچھا نہیں لگتا میاں سسرال میں
جرم ایسا کون سا سرزد ہوا ہے آپ سے
آپ کیوں جائیں نصیبِ دشمناں سسرال میں
صاحبِ تکریم مجھ کو آپ ہی کہہ لیجئے
آپ نے دیکھا نہیں مجھ کو وہاں سسرال میں
میر کا دیوان پڑھ کر مجھ کو لگتا ہے ظفر
زندگی گزری ہے اِن کی بے گماں سسرال میں

کچھ صلۀ کاہلی دے دے خدا
مجھ کو بھی اب افسری دے دے خدا
چاہے چپراسی کی ہو ، کسٹم میں ہو
بس نوید ِ نوکری دے دے خدا
کیا کریں وہ جن کے ہاں وڈیو نہیں
صورت ِ د ل بستگی دے دے خدا
کار تو بیکار کو مل جائے گی
بس کبھی بے بس کو بھی دے دے خدا
عمر کے اتنے انعامی بانڈ ہیں
کوئی تو لمحہ لکی دے دے خدا
مہرباں وہ ہیں نہ اُن کا ڈاگ ہے
کچھ خیال ِ دلبری دے دے خدا
اُن کو لگ جائے مرے دل کی لگی
مجھ کو اُن کی دل لگی دے دے خدا
جب کبھی میری غزل پڑھنے لگیں
اُن کو ذوق ِ شاعری دے دے خدا

خانہ بدوش عشق کو تاڑا نہیں گیا
خوباں سے کچھ بھی میرا بگاڑا نہیں گیا
چھوڑا ہوا ہے یار کے کوچے کو اِن دنوں
خود کو بھری بہار میں ساڑا نہیں گیا
اُس کو بھی جذب ِ عشق نے مجبور نہ کیا
مدت ہوئی ہے میں بھی اوکاڑا نہیں گیا
کرنی ہے اُن سے عرضِ دل ِ زار ، خیر ہو
عاشق سنانے دو کا پہاڑا نہیں گیا
بدلی نہ میری گرمیِ اخلاص سے بھی رُت
اب تک مزاجِ یار سے جاڑا نہیں گیا
بیگم نے بیلنے سے سبھی بل دئے نکال
شکوہ تھا میرے کوٹ کو جھاڑا نہیں گیا
نکلی ہیں مل کے بہر ِ خریداری بیگمیں
کب یہ جلوس لوٹ کے باڑا نہیں گیا
ہر دور میں کہا گیا رشوت کو ویلکم
اِس بھوت کو کبھی بھی پچھاڑا نہیں گیا
جب سامنے ہو اِس کے کوئی ڈشکرا ظفر
کاغذ کے شیر سے کبھی دھاڑا نہیں گیا

سیاسی وعدے

(الیکشن سے پہلے)

آج سب لوگوں کو دیتا ہوں زباں ، وعدہ رہا
آپ کا خادم رہوں گا جاوداں ، وعدہ رہا

باغ نہ دکھلاؤں گا میں سبز ہرگز آپ کو
جھوٹ نہ ہو گا مرا کوئی بیاں ، وعدہ رہا

دور کر دوں گا مسائل جس قدر حلقے میں ہیں
منتخب کر کے تو دیکھیں مہرباں ، وعدہ رہا

گندگی کے ڈھیر اٹھوانا ہے فرضِ اوّلیں
ہر گلی ہو جائے گی جنت نشاں ، وعدہ رہا

یہ غلاظت سے بھرے نالے نہ رہنے پائیں گے
دودھ کی نہریں بہا دوں گا یہاں ، وعدہ رہا

اِک مدرسہ بہرِطفلاں ، اِک نئی ڈسپنسری
اور اِک میداں برائے نوجواں ، وعدہ رہا

یہ زمیں جو اب زمیں کہلانے کے لائق نہیں
میں بچھا دوں گا یہاں پر کہکشاں ، وعدہ رہا

جذبۀ خدمت سے ہیں سرشار میرے قلب و جاں
میں نہیں کوئی فلاں ، ابنِ فلاں ، وعدہ رہا

آپ پھر اِک بار مجھ کو آزما کر دیکھ لیں
دور کر دوں گا سبھی وہم و گماں ، وعدہ رہا

(الیکشن کے بعد)

ووٹ کا احسان جتلاتا ہے کیا ، خاموش رہ
میں نہیں نوکر تمہارے باپ کا ، خاموش رہ

میرے وعدے تو سیاسی جھنجھنے تھے ، بے وقوف
تو نہیں ہے لیڈروں سے آشنا ، خاموش رہ

کیا کہا ، بیحد مسائل ہیں مرے حلقے میں؟ چپ
یہ مسائل کب نہیں تھے بے حیا ، خاموش رہ

گندگی ہی گندگی ہے جابجا تو کیا کروں
خاکروں سے مرا کیا ٹاکرا ، خاموش رہ

اِس قدر نالوں پہ نالہ کر رہا ہے کس لئے
اِن کو چھومنتر کروں کیسے بھلا ، خاموش رہ

کیا کہا میدان اور اسکول اور ڈسپنسری
بیٹھ جا ! اوروں کی سننے دے ذرا ، خاموش رہ

خوب ، تو آلودہ لگتا ہے تجھے ماحول بھی
جا کے کٹوا لے ٹکٹ انگلینڈ کا ، خاموش رہ

جان لے کہ ممبری ورثہ مرے ُپرکھوں کا ہے
مان لے اِس کو مقدر کا لکھا ، خاموش رہ

یونہی بے سوچے بکے جاتا ہے کیا؟ حد ادب
دور کر اپنا یہ الٹا تھوبڑا ، خاموش رہ

کس میں ہمت کہ یوں اشتعالی کرے
ٹیلیویژن ثقافت کو گالی کرے

ہر حکومت کو مریل معیشت ملی
اِس کے بوتھے پہ کیسے بحالی کرے

اب تو ہر اک بجٹ کی ہے غایت یہی
جیب کیسے غریبوں کی خالی کرے

خوب ہے قائدین ِ وطن کا چلن
ہم پہ جمہوریت کو وبالی کرے

قوم کے غم میں دبلے ہوں ہم کس لئے
کام اقبالؔ کا ہے یا حالیؔ کرے

انتخابات کی اور ہی بات ہے
مفت لیڈر نہ شیریں مقالی کرے

جو منسٹر کی پرچی کا گڑ ڈال دے
اپنے میرٹ کو کچھ اور عالی کرے

بازیابی جو فائل کی درکار ہے
بات کچھ مک مکا کرنے والی کرے

یوں کوئی دشمنوں سے بھی کرتا نہیں
جیسے شوہر سے سالا یا سالی کرے

بیوی دیتی نہیں ناشتہ واشتہ
آ کے دفتر میں صاحب جگالی کرے

سب کے تیرِ نظر کا نشانہ ہے دل
جیسا گوری کرے ویسا کالی کرے

دور ِ حاضر میں تلقین ِ صدق و صفا
اپنا واعظ بھی باتیں نرالی کرے

اب تو آوے کا آوا ہے بگڑا ہوا
کون کس کی یہاں گوشمالی کرے

بابو کو جب مال نہ دے
وختے میں کیوں ڈال نہ دے
ایسے کام کو آگ لگے
ایک فراغ کال نہ دے
پیار حماقت ہے بچ کے
دل یہ ٹنٹنا پال نہ دے
وعدہ کر کے مت آنا
ڈیٹ تو اگلے سال نہ دے
چور سمگلر اوکے ہیں
رشتہ کنگال نہ دے
کُشتی چاہتے ہیں مولا
سسروں کو پنڈال نہ دے
بیوی ٹھیک بشرطیکہ
جنجال سسرال نہ دے
گنجا بالر چڑ جاتا
ایمپائر ”نوبال“ نہ دے
کچھ بھرم رہ جائے ظفر
ہر شیشے میں بال نہ دے

جاناں جاناں

تمہیں ملنے سے پہلے زندگی میں
کہاں دیکھی تھی چکا چوند کوئی
مرا دِل ہے کہ کھنچتا جا رہا ہے
تمہارے حسن میں ہے گوند کوئی

۔۔۔۔۔

ہوشیار باش

اپنی پود سے بے خبری تو ٹھیک نہیں ہے
سن گن لے لے آج لگا کر تو بھی ناکہ
کس سسرال کی شامت اس کو گھیر رہی ہے
کس کاکی کو تاڑ رہا ہے تیرا کاکا

انتباہ
آج پنڈی کی سڑکوں پہ جو بھی بشر
چل رہا ہے کہ چلنے پہ مجبور ہے
اس سے کہہ دے کوئی جا کے اہلِ خبر
عافیت ہے اِسی میں کہ بچ کر چلے

آتی جاتی ہیں یوں گاڑیاں ہر طرف
جیسے گھوڑے ہوں یہ بھی کسی دوڑ کے
دندناتی ہیں یوں روڈ پر صف بہ صف
جیسے پورس کے پیچھے سکندر چلے

کتنے ہی حادثے ہو چکے ہیں یہاں
کتنے ہی چاند چہرے ہیں اب تک جنہیں
دے چکے شربتِ وصل اللہ میاں
دلبری کے اِسی طور چکر چلے

کوئی نادان رخ نہ اِدھر کا کرے
گاڑیوں والے سب بادشاہ لوگ ہیں
اِن کے ٹھینگے سے کوئی جئے یا مرے
جس کو چلنا ہے بن کر شناور چلے

(چچا غالب کی غزل کی پیروڈی)

ہوئی تاخیر تو کچھ باعثِ تاخیر بھی تھا
آپ افسر تھے یہی زعم عناں گیر بھی تھا
تجھ سے بیجا ہے مجھے واہی تباہی کا گلہ
اِس میں کچھ شائبہ شامتِ تقدیر بھی تھا
تو مجھے بھول گئی ہو تو پتہ بتلا دوں
ایک عاشق جو محلے میں ترا ویر بھی تھا
خان صاحب کو تو ہے اب بھی کسی عشق کی یاد
جس میں رانجھا ہی نہیں تھا خو کوئی ہیر بھی تھا
میں اُسے ” دُر “ کہوں اور کچھ نہ کہے ، خیر ہوئی
گر بگڑ بیٹھتا تو دیکھتے میں تیر بھی تھا
ہم تھے پٹنے کو کھڑے ، پاس نہ آیا ، نہ سہی
آخر اُس شوخ کے ہاتھوں میں تو کفگیر بھی تھا
پکڑے جاتے ہیں حسینوں کے تھڑوں پر ناحق
وہاں عاشق ہی نہیں تھے ، کوئی رہگیر بھی تھا
پھانسنے میں تمہیں استاد نہیں ہو ، ظالم
کہتے ہیں تجھ سے کہیں بڑھ کے ترا پیر بھی تھا

گو کہ نقصان ہے ذاتی ، پھر بھی
مجھ کو ٹی سی نہیں آتی ، پھر بھی
بات کچھ بھی نہیں کہنی اُس نے
بات ہے چودہ نکاتی ، پھر بھی
رانگ نمبر بھی اگر آ جاتا
ایک گھنٹہ تو لگاتی ، پھر بھی
یوں تو جنموں سے ہوں لیکن ہائے !
وہ تو الو نہ بناتی ، پھر بھی
گھر کی بھیدی تھی پڑوسن میری
کس طرح لنکا نہ ڈھاتی ، پھر بھی
وہ بھلے ساقی گری نہ کرتی
چائے کا کپ تو پلاتی ، پھر بھی
یوں تو ہر بت پہ فدا رہتا ہے
دل ہے لاتی نہ مناتی پھر بھی
لاکھ رومان پسندی جھاڑوں
چاند لگتا ہے چپاتی ، پھر بھی
میں اگر بہرہ بھی ہوتا کیانی
بے محل شعر سناتی ، پھر بھی

اصلی وجہ

دوسرے شہروں میں ہیں میرے عزیز
رابطہ رہتا ہے اِس کے باوجود
بات کر لیتا ہوں روز
فون جو دفتر کا ہے

درحقیقت

ایبسٹریکٹ آرٹ کی خوبی تو نہیں ہے اِس میں
ہم ہی آگاہی کی جانب سے ذرا ماٹھے ہیں
ہم نے بینگن کو جو انسان کہا تو کیا ہے
ہم نے انسان زمانے میں کہاں دیکھے ہیں

میں کیہڑے پاسے جاواں

لگتا ہے کوئی شرط ہے باہم لگی ہوئی
اِک دوسرے سے بڑھ کے نشانہ بنائے ہے
اِک استری ہے جو مرے کپڑے کرے بھسم
اِک استری ہے جو مرے من کو جلائے ہے

بے ادبیاں

گردشِ دوراں جو لٹھ لے کے پڑی ہے پیچھے
اُسے مڑ کے دیکھوں
یا ترا روئے منور دیکھوں
کچھ سمجھ میں نہیں آتا میرے
دل کو روؤں کہ جگر کو دیکھوں
شعر لکھنے کے لئے بیٹھا ہوں

ذہن میں ایسے خیالوں کا ہجوم
جن کا مفہوم مجھے خود بھی نہیں ہے معلوم
گر اِنہیں نظم کروں
لوگ سمجھیں گے نئے دور کا اِک فلسفی شاعر مجھ کو
شعر لکھنے کے لئے بیٹھا ہوں

میری جدت ہے نمایاں سب میں
ڈکشنری سامنے رکھی ہے کھلی
اب تو جس نے مجھے پڑھنا ہے سمجھ لے خود ہی
ہضم کر سکتا نہیں وہ مجھ کو
کارمینا کی کئی بوتلیں چڑھا کے بھی
شعر لکھنے کے لئے بیٹھا ہوں

سرکاری ہسپتال میں داخل ہوئے تھے کیوں ؟؟
یوں آپ اپنے قتل میں شامل ہوئے تھے کیوں ؟؟

بیٹھا ہے زندگانی کا بھٹہ تو کیا عجب
سارے ہی حسن والے غم ِ دل ہوئے تھے کیوں ؟؟

آخر کو گم گما گئے دل کی دراز سے
اُس بے وفا کے کیس کی فائل ہوئے تھے کیوں ؟؟

ایسے رقیب کر نہیں سکتا تھا میں افورڈ
تیری گلی کے کتے مقابل ہوئے تھے کیوں ؟؟

رسواءتو کرنا تھا تمہیں اپنے لباس نے
تہمد پہن کے رونق ِ محفل ہوئے تھے کیوں ؟؟

میری نگاہوں پر کئے جاتے ہو اعتراض
میں پوچھتا ہوں دید کے قابل ہوئے تھے کیوں ؟؟

جوتے ہر عہد میں تمہیں کھانے ہی تھے ظفر
جاہل نہ بن سکے تھے تو عاقل ہوئے تھے کیوں؟؟

یوں پٹے آستانہ نسرین پر
جیسے دشمن کے فوجی سیاچین پر
کتنا میک اپ کا سامان خوں ہو گیا
اُس کے روئے کتابی کی تدوین پر
اُن کے تیرِ نظر کا نشانہ ہے دل
کبھی یاسین پر کبھی یامین پر
غین صاحب کی شامت ہے آئی ہوئی
مر رہے ہیں کسی آنسہ شین پر
تو مری زندگی میں یوں داخل ہوا
جیسے پتھر کوئی آ گرے ٹین پر
مل گئی نوکری جن کو پولیس میں
ہنس رہے ہیں چراغ ِ الٰہ دین پر
کیا کہا تیری شادی ہے پرسوں ، بجا
میں بھی آ جاؤں گا تیری تدفین پر
دُم دبانے کی کوئی ضرورت نہیں
اِن دنوں شیر رہتے ہیں قالین پر
آپ ہیں پوربی آپ کی ریس کیا
آپ زینے پہ چڑھتے ہیں ہم زین پر
کس زمانے کی باتیں بتانے لگے
نوج خوئے شرافت کی تمرین پر
لنڈا بازار کی مہر ہوتی نہیں
تیرے اسکرٹ پر یا مری جین پر
کلجگ ِ نو میں ذکرِ حجاب و نقاب
ایک طعنہ زنی ہے خواتین پر
اپنی کٹیا میں رہنا نہ آیا تجھے
اور نظریں تری ماہ و پروین پر
ہم تو چاہ ِ دیانت کے ڈڈو رہے
ورنہ سب نے لگائے ہیں دو تین پر
ہم تو پیدل بھی چل کر پہنچ جائیں گے
لوگ بیٹھے رہیں گے اباسین پر
جس کو سنسر کے قابل سمجھتا ہے تو
ساری پکچر چلے گی اِسی سین پر
پھر سے الو بنے انتخابات میں
جھومتے ہیں اُسی لے اُسی بین پر
یوں تو ہر بات اہل ِ سیاست سی ہے
طوطا چشمی ہے موقوف مہرین پر
گر وزارت نہیں تو سفارت سہی
کچھ کرم اپنے بندۀمسکین پر
ہم فضیحت میاں کیا نصیحت کریں
کان دھرتے نہیں لوگ تلقین پر
یوں تو کرنے کو کر لی شرارت ظفر
مصحفی کان کھینچیں گے تضمین پر

میں فرطِ شوق میں اُس سے تو کہہ بیٹھا جو جی میں تھا
کھلا یہ بعد میں مجھ پر وہ ”ہی“ میں تھا نہ ”شی“ میں تھا
کسی غارت گرِ توبہ نے جب دیکھا تھا شرما کر
مرا ہیلمٹ کڑاہی میں تھا اور دستانہ گھی میں تھا
مری طریوں اُسے بھی شامتِ اعمال گھیرے تھی
فدا سو جان سے تجھ پر کبھی وہ تھا ، کبھی میں تھا
مرا یہ مونہہ تو روزِ آفرینش سے فٹے مونہہ تھا
تمہارا عذر پہلے سے تمہاری پالیسی میں تھا
تمہیں شوہر سے لڑتا دیکھ کر میں شکر کرتا ہوں
تمہارا فیصلہ جیسا تھا ، میری بہتری میں تھا
نصائح پر تو ہم تم مرحبا کہتے نہ تھکتے تھے
مگر پیسہ لگا کتنی کسی کی سادگی میں تھا
یہی شعبہ تھا جس میں روزِ اوّل ہی سے آگے تھے
کرپشن میں ہمارا ملک اکیسویں صدی میں تھا
چلے تھے سر کھجاتے نائنٹی سیون کے کوچے سے
نئے بحران کا سودا ہماری کھوپڑی میں تھا
شُتر نہ بِلبِلاتا تو ظفر یہ زعم ہی رہتا
کہاں جگ میں کوئی میرا مقابل شاعری میں تھا

مردانگی
روئے جاتا ہے کاہے کو گامے یونہی؟
آج بیوی نے پھینٹی لگائی ہے جی
اِس میں رونے کی کیا بات ہے ، مرد بن
مجھ کو روتے ہوئے تم نے دیکھا کبھی؟؟
سہولت
نہ پانی ہے نہ دانہ ہے ، گرانی کا زمانہ ہے
بھلا اِس دور میں ہمت کسے مہماں نوازی کی
تصور میں چلے آؤ ، نہ ہو تکلیف دونوں کو
تمہیں ویگن میں رُلنے کی مجھے مہماں نوازی کی
تفہیم

ہم نسلِ نو کے باب میں کہتا ہے کیا تاریخ داں
تم کو اگر معلوم ہے ، مجھ کو بتا دے ہمنفس
اسلاف کی میراث تک تو صاف آتا ہے نظر
آگے پڑھا جاتا نہیں وارث ہے یا کہ وائرس

میں روز کہتا ہوں حال پوچھوں گا آج اُن کا
بھڑوں کا چھتا بنا ہوا ہے مزاج اُن کا

رقیب کیوں دندناتے پھرتے ہیں بے مہارے
تمہارے کوچے میں کام اُن کا نہ کاج اُن کا

نری سلیقہ شعاریوں کا اچار ڈالیں
ہمارے دل میں تو کلبلاتا ہے داج اُن کا

وہ لوگ جن کو خدا نے ہاتھوں کا میل بخشا
تمام لیلائیں اُن کی ، سارا سماج اُن کا

تمہارے پیچھے نہ آئیں گے اب تمہارے عاشق
تمہارے ابے نے کر دیا ہے مساج اُن کا

خدا ہی جانے کہ کس خوشی میں گزر گئے ہیں
نہ توند اُن کی نہ قلب کا اختلاج اُن کا

وہ امن کے چیمپئن بنے ہیں تو سوچتا ہوں
سپاہی اُن کے ، تفنگ اُن کی ، میراج اُن کا

حذر کہ آتے ہیں باس بیگم سے پٹ پٹا کے
تمہیں پہ گرنا ہے نزلۂ احتجاج اُن کا

بُری ہے یاروں کو آزمانے کی شرمساری
ازل سے ٹھہری ہے بے وفائی رواج اُن کا

وہ جن کو پیرایۂ شرافت نہ راس آئے
نوید ڈنڈا ہی رہ گیا ہے علاج اُن کا

دولہا کی فریاد

بہکاوے میں آیا ہوں ۔۔۔۔ گھوڑے پر چڑھ بیٹھا ہوں
مونہہ پر سہرا ڈالا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔سجا سجایا کھوتا ہوں
عبرت کہ میں ”دولہا“ ہوں

دلہن کا ارمان بجا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔لیکن ہے سسرال بلا
کب سے شوخ بلاؤں میں ۔۔۔۔۔۔۔پانی پانی ہوتا ہوں
عبرت کہ میں ”دولہا“ ہوں

یوں سسرال کی آل دھمال۔۔۔کھینچ رہی ہے میری کھال
جیسے میں ہی دنیا میں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔قربانی کا بکرا ہوں
عبرت کہ میں ”دولہا“ ہوں

ہونے والی ہر سالی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آفت کی ہے پُر کالی
اِن کے نرغے میں خود کو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔یکسر الُو لگتا ہوں
عبرت کہ میں ”دولہا“ ہوں

فقرے بازی کرتی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔مجھ پر کھی کھی ہنستی ہیں
اور میں شرمندہ ہو کر۔۔۔۔۔۔۔۔۔سر کو کھجائے جاتا ہوں
عبرت کہ میں ”دولہا“ ہوں

یار جو ہمراءبیٹھا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔چومکھی تو لڑتا ہے
لیکن اب تو اس کو بھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بولایا سا پاتا ہوں
عبرت کہ میں ”دولہا“ ہوں

مانگ رہا ہوں دل میں دعا۔۔۔۔۔یارب مجھ کو اِن سے بچا
اب کیا ہو کہ شادی کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔غلطی تو کر بیٹھا ہوں
عبرت کہ میں ”دولہا“ ہوں

مایوسی

ایک عورت نے کسی سے پوچھا
نیک مردوں کو تو جنت میں ملیں گی حوریں
عورتیں کس کی توقع رکھیں
اُس نے بتلایا اُسے
یہی جو مرد ہیں اپنے اپنے
یہ وہاں پر بھی ہمارے ہوں گے
اِس پہ وہ بولی چمک کر ، وللہ
نیکیاں کرنے کا پھر فائدہ کیا ؟

(قتیل شفائی مرحوم کی غزل کی پیروڈی )

جب بھی چاہیں اِک نئی صورت بنا لیتے ہیں لوگ
ایک میک اپ سے کئی جھریاں چھپا لیتے ہیں لوگ

مل بھی لیتے ہیں گلے ، جیبیں کترنے کے لئے
دوستی کے نام پر سب کچھ اُڑا لیتے ہیں لوگ

خود ستائی کی اِنہیں عادت ہی شائد پڑ گئی
ہر نئے شیمپو کو بالوں میں لگا لیتے ہیں لوگ

لفٹ بھی ہو اِن کو حاصل ، یہ ضروری تو نہیں
ہر کڑی کو دیکھ کر سیٹی بجالیتے ہیں لوگ

یہ بھی دیکھا ہے کہ بڑھ جائیں حجامت کے جو دام
خود ہی ریزر لے کے بوتھے پر چلا لیتے ہیں لوگ

فون کڑیوں کو کریں تو روک مت اِن کو ظفر
بِل بڑھاتے ہیں یہ اپنا ، تیرا کیا لیتے ہیں لوگ

وچلی گل

ظفر آج بیوی پہ ہونے لگا
میاں جی کے غصے کا مورال اپ
ضرور آج دفتر میں موصوف نے
لڑائی ہے لیڈی سٹینو سے گپ

بزنس آفر

جلسہ کرنا چاہتے ہیں تو ہم کو ٹھیکہ دے دیجے
جتنے بندے فرمائیں گے ہم سپلائی کر دیں گے
ہکا بکا رہ جائے گا حلقے کا ہر کینڈیڈیٹ
ایک ہی دن میں حضرت کے مورال کو ہائی کر دیں گے

حجتوں کو دلیل کر لینا کوئی اچھا وکیل کر لینا

ضابطوں وابطوں کو چھڈو جی جا کے بابو سے ڈیل کر لینا

حسن پھرتا ہے بے حجابانہ اپنی آنکھوں کو سیل کر لینا

کسی لیڈر کو آدمی کہہ کر آدمی کو ذلیل کر لینا

یونہی اسمارٹ بن نہیں سکتے بندروں کو مثیل کر لینا

وصل کی رات خوب گزرے گی واک دو چار میل کر لینا

ضبطِ تولید بھی طریقہ ہے کوئی کارِ بخیل کر لینا

کام چھوڑا ہے تم پہ معمولی دیس کو خود کفیل کر لینا

چھینا چھپٹی کا دور ہے ، پیارے کر رہی ہے جو چیل ، کر لینا

اس کی عظمت کو پہنچ جاؤں گی ہائی سینڈل کی ہیل کر لینا

مفت پٹنا نہیں رقیبوں سے مک مکا کی سبیل کر لینا

منتظر ہے نوید کیانی بھی ہو سکے تو یہ فیل کر لینا

فون پر ایک ڈیڑھ گھنٹے کی بات کوئی قلیل کر لینا

(میر تقی میر کی غزل کی پیروڈی )

افسر کو غرور آج ہے یاں تاجوری کا
کل اِس کو یہیں شور ہے پنشن کی منی کا
گجرات کی منزل سے گیا کون سلامت
پاپوش لٹا راہ میں یاں ہر سفری کا
روزوں میں بھی ہر وقت کا چرنا نہیں چھوٹا
ٹیشن تھا مداوا مری آشفتہ سری کا
ہر زخم مرے چہرے کا اعلان ہے ، بیگم
انصاف طلب ہوں تری بیداد گری کا
اپنا تو جہاں عقد ہوا ، ڈوب مرے ہیں
یاروں کو تو لپکا ہے ابھی حور پری کا
کھوکھے میں بھی سوکھے ہیں کہ چلتا ہوا ہے کام
نسوار کی اِس کارگہ ِ شیشہ گری کا
ٹک شاعرِ پُرگو کو بٹھا دے کوئی فوراً
دھڑکا ہے سرِ بزمِ سخن قتل گری کا

عقد کا چکر چلایا تک نہیں
جا کے لندن لندنایا تک نہیں

کھا گئے مرغے رقیب ِ روسیاہ
مجھ کو دعوت میں بلایا تک نہیں

دوستی کیا دوستوں سے خاک تھی
میرا اسکینڈل بنایا تک نہیں

ہائے تیرے حافظے کی کیا کہوں
نام سن کے ہڑبڑایا تک نہیں

تیرے انداز ِ ستم کی خیر ہو
وقت نے بسمل کمایا تک نہیں

تیری نظروں کی سیاست کی قسم
بھینگے پن پر تلملایا تک نہیں

اُن کی گاڑی زن سے آگے بڑھ گئی
شیخ نے ٹٹو دوڑایا تک نہیں

امتحان ِ غم مجھے درپیش ہے
ممتحن سے مک مکایا تک نہیں

میری بالیں سے بندھی ہے غیر نرس
جس کا ہوں بیمار آیا تک نہیں

تجھ سے ملنا ہو گیا مشکل مجھے
میری پاکٹ میں کرایہ تک نہیں

رند سب کنگال ہو کر رہ گئے
میکدے میں گل کھلایا تک نہیں

شعبدہ بازی نہیں مطلق پسند
لیڈری کا مجھ پہ سایہ تک نہیں

کھائے ہیں انگور جی بھر کے ظفر
دخت ِ رز کو آزمایا تک نہیں

لندن لندن

بُت سبھی لندن کے ہیں تو میں وہاں کا کیوں نہیں
عشق کا اُس شہر میں کچھ دال دلیا کیوں نہیں

کیسے کیسے لوگ یورپ گھوم پھر کر آ گئے
میرے کھیسے میں فقط لندن کا ویزہ کیوں نہیں

میرے رشتہ دار کیا ٹٹ پونجئے ہیں سب کے سب
سوئے انگلستاں کسی کا آنا جانا کیوں نہیں

دوسروں کی پاکٹیں پونڈوں سے ہیں پھولی ہوئی
اللہ دتے کو مرے اللہ نے دتا کیوں نہیں

میری انگریزی ہے مضطر رونمائی کے لئے
اِس کو سننا میم کی قسمت میں لکھا کیوں نہیں

ڈھیر سارے خواب ہیں انگلینڈ گردی کے ظفر
ایک بھی شرمندۀ تعبیر ہوتا کیوں نہیں

رشوت

کسی سرکاری ایوان میں
کوئی فائل بھی پھنسنے نہ دی
جس کو کہتے ہیں رشوت ظفر
ماسٹر کی ہے ہر قفل کی

۔۔۔۔۔۔۔

فکرِ عافیت

گھر سے باہر خوب پنگے کیجئے
گھر میں فکرِ عافیت ہی ٹھیک ہے
ذکر بیگم کا اگر مقصود ہے
ہجو میں تجریدیت ہی ٹھیک ہے

رودادِ سخن

دنیا سے جی جلا تو میں شاعر ہی بن گیا
شامت نے دی صدا تو میں شاعر ہی بن گیا
ناکام عاشقوں کا یہی مشغلہ تو ہے
وہ بے وفا ہوا تو میں شاعر ہی بن گیا
تیری گلی میں کوئی بھی درزی نہ مل سکا
دامن نہ سل سکا تو میں شاعر ہی بن گیا
تیرے لئے خموش تھا جب تو نے بھی مجھے
چکنا گھڑا کہا تو میں شاعر ہی بن گیا
جو کوسنے رقیب کو دیتا ہوں ، ہجو ہیں
یہ راز جب کھلا تو میں شاعر ہی بن گیا
آٹو گراف لیتے ہیں شعراءسےگُلبدن
دیکھا یہ ماجرا تو میں شاعر ہی بن گیا
وہ میرا یار بھی تھا مرا غمگسار بھی
نقاد بن گیا تو میں شاعر ہی بن گیا
یاروں نے خوب الو بنایا مجھے ظفر
جی بھر کے بن چکا تو میں شاعر ہی بن گیا

تنبیہ

اگرچہ مس
ڈرانے کا ارادہ تو نہیں ہے آپ کو میرا
مگر اِس بار پپا کو بڑا ہی طیش آیا تھا

وہ کہتے تھے
اگر آئندہ بھی نمبر ہوئے کم میتھس میں میرے
تو آؤ دیکھیں گے نہ تاؤ فوراً پیٹ ڈالیں گے

ستم ظریفی

ٹیلیویژن نے دکھایا ہے ہمیں پاک کلچر کا یہ روپ

نیکیوں کا ایک بھی داعی نہیں پاپ کے اِتنے گروپ

تمہارے حسن کو بھی اک طرح چنگل کہا جائے
ہمارے ہوش کو اڑتا ہوا بادل کہا جائے

حسینوں کی نگاہِ ایٹم آسا کے کرم سے ہے
خرابی اس قدر کہ دل کو بھی کابل کہا جائے

یہ کیسی بے سوادی ہے ، کوئی جھگڑا نہ بد خوئی
اگر بیگم نہ ہو تو گھر کو بھی ہوٹل کہا جائے

ہمیں سسرال والے جانور کہتے رہیں ، لیکن
برائے مہربانی ساتھ میں سوشل کہا جائے

وہ خود کو حسن کا معیار کہتے ہیں ، ارے توبہ
کہ جن کو دیکھ کر بیساختہ بوتل کہا جائے

اسیر قرض ہیں ، ایسے نہ جیتے ہیں نہ مرتے ہیں
ہماری قرض خواہ اقوام کو کمبل کہا جائے

لکھا ہے کارڈ پر ” تمہاری اپنی “کیسے پہچانیں ؟
ہما یا نادرہ یا ناز یا سنبل کہا جائے

یہ ہم کس دور میں صدق و وفا کی بات کر بیٹھے
ہمیں الو کہا جائے ، ہمیں پاگل کہا جائے

سوالِ وصل ہے اور گم ہے اُن کی ڈائری ، ہائے
کبھی ہفتہ کہا جائے ، کبھی منگل کہا جائے

وہ کہتے ہیں ہماری ازدواجی زندگانی ہے
محلے والے کہتے ہیں اسے دنگل کہا جائے

یہاں بھی جس کی لاٹھی ہو اُسی کی بھینس ہوتی ہے
یہی ہے شہر تو پیارے کسے جنگل کہا جائے

تری اولاد ہے سو ہے تقاضۀ وضعداری
کرے جو بد تمیزی تو اسے چنچل کہا جائے

شباب و حسن والوں سے توقع اور رکھتے ہو
ظفر انصاف تو یہ ہے تمہیں انکل کہا جائے

مشورہ میری بیگم کو ڈر ہی رہتا ہے حسن ِ عارض کہیں نہ لوز کرے

کشمکش میں ہی اُس کو دیکھا ہے کون سی وہ کریم چوز کرے

مشورہ ہے مرا بجنگ آمد اب ذرا ریگمار یوز کرے

یہ یا وہ

آپ کا حسن ہے یا گرانی
ہوش میرے اُڑائے ہوئے ہے
آپ کی ہے یا آمد بجٹ کی
میری شامت بلائے ہوئے ہے
۔۔۔۔۔

امرِ مصدقہ

مانا خرگوش سے میاں کچھوے
اتفاقاً ہی آگے نکلے ہیں
ہاں مگر دوڑ میں بہر صورت
ریل گاڑی سے جیت سکتے ہیں

ماسی

مرا ہر یار تھا پہلے لفنگا مارکہ ماسی
یونہی بیکار کا ماسی
تہی ہے جس نے اِن سب کو کیا گھر بار کا ماسی
مرا بھی گھر بسادو ناں
کسی اچھی سی لڑکی سے مری شادی کرا دو ناں

بہت بن ٹھن کے میں گھر سے نکلتا ہوں مگر ہائے
کہیں بھی گل نہ بن پائے
میں جس لڑکی کو بھی تاڑوں وہی ٹھینگے پہ دھر جائے

کوئی چکر چلادو نا کسی اچھی سی لڑکی سے مری شادی کرا دو ناں

یہ میری جو حیاتی ہے ، سمجھ کہ کیس ذاتی ہے
یہ حسرت دل جلاتی ہے
ترے ہوتے ہوئے بھی یہ عمریا بیتی جاتی ہے
مرا مردہ بھی لا دو ناں
کسی اچھی سی لڑکی سے مری شادی کرا دو ناں

کسی آئیڈیل کی جستجو میں ہو چکا کونڈا
کہ چٹا کر لیا چونڈا
حسیناؤں میں انکل بن چکا ہے آج یہ منڈا
مجھے دولہا بنا دو ناں
کسی اچھی سی لڑکی سے مری شادی کرا دو ناں

مرے ناصح کا کہنا ہے کہ شادی اِک حماقت ہے
کنوارہ پن غنیمت ہے
کہ شادی نام ہے جس کا وہ مردِ حُر کی شامت ہے
مری شامت بلا دو ناں
کسی اچھی سی لڑکی سے مری شادی کرا دو ناں

یادِ ایام

ذکر ہے اِک شام کا
دوستوں میں بیٹھ کر
رو رہے تھے جوش جی
اپنی محبوباؤں پر
۔۔۔
اُن کی بیگم آ گئیں
دیکھ کر بولیں ارے
کیا ہوا ہے آپ کو
رو رہے ہیں کس لئے
۔۔۔
اِس پہ بولے جوش جی
کچھ نہیں جانانِ جاں
یونہی اِک پل کو مجھے
آ گئی تھی یاد ماں

انشاء اللہ

بے سبب لڑنے جھگڑنے کا مزا ختم ہوا
آج سے معرکے ہوں گے بحوالۂ ثبوت
مل گئے خفیہ درازوں سے مری بیگم کو
” چند تصویرِ بتاں ، چند حسینوں کے خطوط “

۔۔۔۔۔۔

بارِ خدا

تھے ہم بھی نام لیوا اعلیٰ قدروں کے
پر اب اُن کی پذیرائی نہیں باقی
ظفر ہر دوسرا بندہ صحافی ہے
قسم کھانے کو سچائی نہیں باقی

جب وقت پڑے کوئی بھی جانو نہیں ہوتا
میں میں نہیں ہوتا کبھی تو تو نہیں ہوتا

چپکے سے مرے کان پکڑ لیتی ہے شامت
اِس بھوتنی کے پاؤں میں گھنگھرو نہیں ہوتا

آقائے فرنگی کا وفادار بہت ہے
صاحب کبھی منت کش ِ اُردو نہیں ہوتا

توندیں ہیں کہ بڑھتی چلی جاتی ہیں مسلسل
کھاتے ہیں جو رشوت انہیں اچھو نہیں ہوتا

ہر سچ میں گرامر کے نقائص نہیں ملتے
ہر جھوٹ کی تقدیر میں یاہو نہیں ہوتا

اِس دور کے انساں میں ہے کچھ فنی خرابی
روشن ہے مگر صورتِ جگنو نہیں ہوتا

نقاد زمانے میں نہ ہوتے تو میں کہتا
لیلائے غزل کا کوئی کیدو نہیں ہوتا

(صوفی غلام مصطفٰی تبسم کی غزل کی پیروڈی )

وہ مجھ سے ہوئے ہمکلام اللہ اللہ
کہاں میں کہاں ٹنڈو جام اللہ اللہ

یہ بچوں کی چوں چوں ، یہ بیگم کی چاں چاں
یہ ہنگامۀ صبح و شام اللہ اللہ

یہ حلوے کی تابانیوں کا تسلسل
یہ ذوقِ شکم کا دوام اللہ اللہ

وہ جھینپا ہوا اِک میاں کا تبسم
وہ گھر میں کسی کے دھڑام اللہ اللہ

مرا گھر ، مری سیلری مختصر سی
وہ سسرال کا ازدحام اللہ اللہ

وہ بزمِ سخن میں ٹماٹر کی بارش
ظفر کا وہ لطفِ کلام اللہ اللہ

پھر آج نیواں نیواںسوئے سس گیا توپھنس گیا
میری طرح جب بھی گیا، بے بس گیا، تو پھنس گیا

کل اس نے شرماتے ہوئے ، دیکھا مجھے جاتے ہوئے
کل کاتب شامت مجھے بھی دس گیا، تو پھنس گیا

اس شوخ میں ہے کیا فسوں ، سو جان سے مرتا ہے کیوں؟
پاؤں ترا کن دلدوں میں دھنس گیا، تو پھنس گیا

سارے ہی تاڑو تن گئے، کڑیوں کے بھائی بن گئے
آواز جانے کون تھا جو کس گیا، تو پھنس گیا

چمکی جو تیری لیڈری بنگلے ملے کوٹھی ملی
لیکن یہاں سے جب بھی یہ سرکس گیا، تو پھنس گیا

چونکہ چنانچہ سے ارے، ٹلتا ہے کب ظالم سمے
ڈنڈا جو لہرایا تو پیش و پس گیا، تو پھنس گیا

پٹرول بھی مہنگا ہوا، ہر سمت سے ٹھینگا ہوا
گھر کے بجٹ کا تو نکل بھرکس گیا، تو پھنس گیا

یہ ازدواجی پیشیاں نہ مار دیں تجھ کو میاں
مارِ گرانی آن کر یوں ڈس گیا، تو پھنس گیا

افسر کی نکتہ دانیاں دفتر کے سب پیر و جواں
چپ چاپ سنتے تھے مگر تو ہنس گیا، تو پھنس گیا

وقتِ نکاح کہنے لگے، قلقاریاں بھرتے ہوئے
سارے رقیب رو سیاہ تو پھنس گیا ! تو پھنس گیا

پڑھنے لگا تیرا ظفر ، کلیات ساری کھول کر
حاضر تھا جو بزم سخن سے نس گیا، تو پھنس گیا

مشاہدہ

ماہرِ نفسیات نے پوچھا
یہ بتائیں کہ آپ کا بیٹا
اپنے ماحول میں کہیں خود کو
غیر محفوظ تو نہیں لگتا
اِس پہ خاتون نے کہا یہ تو
میں نہیں جانتی ہاں البتہ
میرا اپنا مشاہدہ یہ ہے
جہاں موجود ہو مرا بیٹا
وہاں موجود دوسرے بچے
کبھی محفوظ رہ نہیں سکتے

ریزگاری

وہ ہے رکشہ یا اپوزیشن ہے ”آسماں سر پہ اٹھا رکھا ہے“

سمجھتا کیوں ہے پی ایچ ڈی کا تھیسس ”محبت فیصلہ ہے اِک نظر کا“

نہ یونہی کوسا کرو راشیوں کمینوں کو انیس ٹھیس نہ لگ جائے آبگینوں کو

یوں تو کہنے کو وہ کہتا ہے کہ آئیں ، بیٹھیں
”آپ نظروں کی زباں بھی تو سمجھتے ہوں گے“

لاہور جاتے جاتے کہیں لندن نہ لینڈ ہو
”اِک بے خبر سفر کو چلا بے خبر کے ساتھ“

پنجابی میں کہتے ہیں اسے ”سس “ ”قاتل کا نشان دے رہا ہوں“

کھولو نہ کسی عشق کا کھاتا کوئی دن اور
لازم ہے کہ دیکھو مرا رستہ کوئی دن اور

کیوں سمجھتا ہوں کہ آتا ہے وہ کڑیوں کے لئے
”سیر اُس شخص کا معمول بھی ہو سکتا ہے“

کوئی سیڑھی لگی ہے رشوتوں کی
وہ اوپر اور اوپر جا رہا ہے

گرلز کالج سے نکلتی ہیں یوں کڑیاں اکثر
” جس طرح وادیِ پر خار میں آہو نکل آئے “

ہاضمہ یوں بھی نہ بگڑا تھا ہمارا پہلے
”دل پکارے ہی چلا جاتا ہے جاناں جاناں“

سنگ باری بھی کرے اور تو ہش ہش بھی کرے
”کون رویا پسِ دیوار تجھے کیا معلوم“

وہمِ آزادی ہے دھوتی میں یونہی ” اپنی چادر دیکھنا بھی چاہئے “

اب کوئی ڈیٹا بیس بنوائیں ”غم ہیں اب کے شمار سے باہر“

اعلان سن کے حشر بجٹ کا جولائی میں
”ہنستا تو ہوگا آپ بھی یزداں کبھی کبھی“

جا رے جا ایمپائر میں نے دیکھ لیا انصاف ترا
ٹانگ بھی میری ٹوٹی ہے اور ایل بی ڈبلیو بھی میں ہوں

یہ الگ بات کبھی بھی نہ کرایہ مانگا
”تو مری روح کے اندر ہے کئی صدیوں سے“

خاوند کے کالر پہ سجایا ہے تو کیا ہے
”کچھ پھول تو ہوتے ہی مزاروں کے لئے ہیں“

ملی ہے میرے وطن کو بھی کیسی زرخیزی درخت اگتے نہیں ہیں مکان اگتے ہیں

ہمارے عہد میں نکلے عجب انداز جذبوں کے
محبت ہو گئی بوڑھی وفا کا کوب نکل آیا

مجنوں کے پاس کوٹھی نہیں ، کار بھی نہیں
”لڑتا ہے اور ہاتھ میں تلوار بھی نہیں “

عشق کا ہو جائے سدّباب پہلے روز سے
آپ آنچل کو سنبھالیں ، دیکھتا ہوں دل کو میں

دل گرفتہ تری لن ترانی سہی پھر بھی دامانِ امید ہاتھوں میں ہے
اتنی جلدی نہیں ٹوٹنے کا ظفر میرا دل ہے اسمبلی کا کورم نہیں

٭ ٭ ٭

شاعر کی اجازت اور تشکر کے ساتھ
پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

ڈنکے کی چوٹ