رات آنکھوں میں
اشتیاق زین
ستم کو اب کرم کہنا، خموشی کو بیاں لکھنا
ہمیں بھی آ گیا آخر حقیقت کو گماں لکھنا
لہو مجھ کو رلاتی ہے یہ عادت اس کی برسوں سے
محبت کو سزا کہنا، وفا کو داستاں لکھنا
شکایت بے ارادہ تھی، اِسے آشفتگی کہہ لو
وگرنہ ہم نے چاہا تھا تمہیں بھی مہرباں لکھنا
چڑھا دو شوق سے سولی، نہیں منظور یہ پھر بھی
جو سورج سر جلائے ہے، اُسی کو سائباں لکھنا
لگا کر تہمتیں صدہا تعلق توڑنا، آساں
بہت دشوار ہے لیکن، وفائے جاوداں لکھنا
نہیں یہ جوشِ وحشت تو بتاؤ پھر بھلا کیا ہے؟
زمانے پر عیاں ہے جو، اسی کو بے نشاں لکھنا
غمِ جاناں نے سکھلایا، غمِ ہستی بیاں کرنا
مجھے آتا ہی کب تھا زینؔ دردِ بے کراں لکھنا
***
زندگی ہاتھ جب چھڑائے تو
پاس اپنے ہوں، ناں پرائے تو؟
تم تو کب کے خدا بھلا بیٹھے
وہ بھی تم کو جو بھول جائے تو؟
تم اڑاتے ہو بے کسوں کی ہنسی
بے کسی تم پہ مسکرائے تو؟
لاکھ حاصل ہو مخملی بستر
نیند آنکھوں میں گر نہ آئے تو؟
روٹھ جائے جو ہر خوشی دل کی
چار سو درد جگمگائے تو؟
سوچتے زینؔ سب ہیں صدیوں کا
سانس اگلا ہی گر نہ آئے تو؟
***
ہٹی جو چلمن تو میں نے دیکھا
وہ نور سا، ماہتاب چہرہ
مرے تو دل میں وہ بس گیا ہے
کھلا کھلا سا گلاب چہرہ
***
دنیا سے شکایت ہے، نہ تجھ ہی سے خفا ہوں
قسمت کی عنایت ہے جو تنہا میں کھڑا ہوں
پلکوں پہ جگہ پائی، نہ دامن میں بسا ہوں
اک اشکِ ندامت تھا، سرِ خاک گرا ہوں
دل پر تو تری یاد کے بادل کا ہے سایہ
سر پر ہے کڑی دھوپ جسے جھیل رہا ہوں
مشروط رہی تیری نگاہوں سے مری زیست
اک پل میں جیا ہوں تو، میں اک پل میں مرا ہوں
حالات کی دلدل میں کہاں اتنا مجھے ہوش
محفل ہے تری، یا کہ سرِ راہ پڑا ہوں
لمحۂ مسرت کی طلب میری خطا تھی
اب غم کے بیابان میں زنجیر بپا ہوں
صیاد کر اغماض، ہوا محوِ فغاں جو
ناواقفِ آدابِ قفس تھا، کہ نیا ہوں
اک عمر سے ہے اپنی حقیقت کی مجھے کھوج
اب کون بتائے میں بھلا کون ہوں، کیا ہوں
منزل تو نہیں زینؔ، یہ دنیا ہے سرائے
میں ایک مسافر ہوں، گھڑی بھر کو رکا ہوں
***
عشق آتش مزاج ہے جاناں
دل، نظر کا خراج ہے جاناں
دردِ الفت سے بچ کے رہنا تم
روگ یہ لا علاج ہے جاناں
دل کے بدلے وبالِ جاں لینا
چاہتوں میں رواج ہے جاناں
کل نہ آیا کبھی، نہ آئے گا
جو بھی ہے، بس یہ آج ہے جاناں
زندگی یوں بھی خوبصورت ہے
پیار اُس پر یہ ساج ہے جاناں
تیری آنکھوں سے مجھ کو لگتا ہے
پیار تجھ کو بھی آج ہے جاناں
کتنی معصوم ہے یہ چاہت تو
پھر بھی دشمن سماج ہے جاناں
زینؔ تجھ سے یہ آج کہتا ہے
دل پہ تیرا ہی راج ہے جاناں
***
فضائے دل پہ اداسی بکھیرنے والے
مری حیات کا ہر پل ہے سوگوار آ جا
ہجومِ یاس نے گھیرا ہے آرزوؤں کو
ہر ایک آس ہوئی محوِ انتظار آ جا
***
ترے وصال کی جب سے ہے سر خوشی روٹھی
قرار دل کو ملا، ناں ہی بے کلی روٹھی
عجیب مرگ کا عالم چمن پہ ہے طاری
صبا ہے چپ، تو گلوں سے ہے تازگی روٹھی
نگاہِ یار ہو، قسمت ہو، یا ضیائے طرب
بتائے کون، ہمیشہ ہی کیوں رہی روٹھی؟
یہ کس مقام پہ قسمت مجھے ہے لے آئی
کہ تیرگی ہے بہت، اس پہ روشنی روٹھی
رہِ حیات میں عبرت نشاں ہوں میں لوگو!
ہے موت مجھ سے گریزاں، تو زندگی روٹھی
میں غم کو دل کا سہارا بنا کے جی لوں گا
رہے خوشی سے مرے دل کی ہر خوشی روٹھی
خدا کرے نہ کبھی زینؔ، وہ ہو نم دیدہ
بھلے ہی میرے لبوں سے رہے ہنسی روٹھی
***
خدا را بخش دو اب تو!
خدا را بخش دو اب تو!
تمہاری مہربانی سے بہت کچھ سہہ لیا ہم نے
کہیں روٹی کے لالے ہیں
کہیں بجھتے اجالے ہیں
کہیں آنکھوں میں اشکِ خوں
کہیں تن من پہ چھالے ہیں!
جہاں چاہت کی تھی خوشبو، وہاں بارود کی بو ہے
جہاں بستی تھیں بس خوشیاں، وہاں ماتم کی آوازیں
سہانے خواب تھے جس جا، وہاں اب وحشتیں ناچیں
سرِ بازار اب ہائے، ہماری خواہشیں ناچیں
نئی ہر روز ہی ہم پر، ہزاروں آفتیں ناچیں
تمہارے عہدِ شاہی میں، ہزاروں پھول ایسے ہیں
کہ مجبوری جنہیں بس اِک نوالے ہی میں بیچ آئے
بہت معصوم کلیاں تھیں
جنہیں حالات کے دھارے سرِ بازار لے آئے
جو معمارِ وطن تھے کل ،انہیں ’’ خود کش ‘‘ بنا ڈالا،
سنبھل سکتے تھے جو شاید، انہیں پل میں گرا ڈالا
تھے بوڑھے ناتواں کاندھے
جنہیں کچھ اور بھی تم نے ہلا ڈالا، جھکا ڈالا
اور اس پر بھی تمہیں دعویٰ؟
مسیحا ہو، سہارے ہو؟ کہ محسن تم ہمارے ہو؟
خدا را بخش دو اب تو
خدا را بخش دو اب تو!
***
غیر ہو بیٹھا ہے جو، اب وہ مرا کیسے ہو؟
ہو گا قسمت کا لکھا، میرا کہا کیسے ہو؟
ساتھ اُس کا تھا میسر تو کھلا کرتا تھا
بعد اُس کے یہ چمن دل کا ہرا کیسے ہو؟
بے وجہ اشک چھلک آئے مری آنکھوں سے
جب سرِ راہ کبھی اُس نے کہا، کیسے ہو؟
غم کے زنداں میں ہے کھڑکی، نہ کوئی دروازہ
دل کا پنچھی جو رہا ہو تو بھلا کیسے ہو؟
کوئی امید کا جگنو، نہ خوشی کا تارا
زندگی مثلِ شبِ تار، ضیا کیسے ہو؟
اُس کی یادوں میں گھرا سوچ رہا ہوں کب سے
گل سے خوشبو کا بدن زینؔ جدا کیسے ہو؟
***
پا بہ زنجیر سہی، محوِ فغاں تو نہ ہوا
چاک داماں ہوں تو کیا، شکوہ کناں تو نہ ہوا
یہ الگ بات سلگتا ہے ترے درد سے دل
پر ترا درد کبھی بارِ گراں تو نہ ہوا
***
دُعا
مرے مالک
مجھے اقرار ہے دل سے
کہ خالق تو ہی ہے سارے جہانوں کا
زمینوں، آسمانوں کا
تو ہی رازق ہے مخلوقاتِ عالم کا
مرے مالک
زمین و آسماں سارے
سبھی یہ چاند اور تارے
چرندے اور پرندے سب
شجر، پتھر، درندے سب
یہ کلیاں، پھول اور پودے
تری وحدت کے نغمے گنگناتے ہیں
تری عظمت کے ہر دم گیت گاتے ہیں
ترے ہی در پہ اپنا سر جھکاتے ہیں
مرے مالک مجھے اقرار ہے یہ بھی
سوا تیرے نہیں کوئی جو رکھتا ہے خبر سب کی
صدا سب کی جو سنتا ہے
تو ہی وہ رَبِّ اعلیٰ ہے جو بن مانگے بھی دیتا ہے
مرے مالک، تری مرضی پہ کس کا زور چلتا ہے
کرم محتاج ہے تیرا
نہ ہے کوئی کمی تیرے خزانے میں
تو جب چاہے، جسے چاہے
سبھی محتاجیوں سے ماورا کر دے
لبوں کو بخش کر حرفِ دعا خود ہی
دعاؤں میں اثر بھر دے
خطائیں بخش کے ساری عطا دونوں جہاں کر دے
جسے چاہے اُسے پل میں عبادت آشنا کر دے
جسے چاہے اُسے تو بندگی اپنی عطا کر دے
تو جب چاہے، جسے چاہے غلامِ مصطفی کر دے
مرے مالک
مرے مالک مجھے اقرار یہ بھی ہے،
میں عاصی ہوں، گنہگارِ وفا بھی ہوں
صراطِ استقامت سے کہ میں بھٹکا ہوا بھی ہوں
غرورِ ذات میں الجھا، اسیرِ لطفِ دنیا ہوں
مگر مالک
کرم تیرا اگر ہو تو رہائی پا بھی سکتا ہوں
مرے مالک
مجھے دکھلا دے وہ رستہ محمد کے وسیلے سے
کہ جو تجھ کو پسند آئے
مرے مالک گزارش سن لے یہ میری
جیوں تو اس طرح جیسے، ترے محبوب جیتے ہیں
مروں جب تو زباں پر لا اِلٰہَ آئے
اُٹھوں جب روزِ محشر کو
تو پاؤں دستِ احمد کی شفاعت کے ہی میں سائے
مرے مالک مری یہ التجا سن لے
مری یہ التجا سن لے
دل کے کاغذ پہ ترا نام جو مخطوط ہوا
پھر ہر اک سانس مرا تجھ سے ہی مشروط ہوا
مجھ کو، مجھ سے ہی بغاوت پہ جو اکسائے ہے
جانے یہ کون مری ذات میں مخلوط ہوا
چال کیا کیا نہ ستم کیش زمانے نے چلی
نام اُس کا جو مرے نام سے مربوط ہوا
ہے محبت کا یہ احساں کہ ہوا دل، ورنہ
ایک پتھر ہی تو سینے میں تھا مخروط ہوا
اُس کو لگتا تھا ابھی ٹوٹ کے بکھرے گا، مگر
ضبط میرا تو ہر اک چوٹ پہ مضبوط ہوا
لطف کچھ اور بڑھا عشق کے افسانے کا
جب کہانی میں غمِ ہجر بھی مخلوط ہوا
ہم زمانے کو سدا دیتے رہے دوشِ ستم
ہجر اپنے ہی مقدر میں تھا منقوط ہوا
اب کے لے آئی کہاں زینؔ تمنا اُس کی
سوچ مفلوج ہوئی، ہوش بھی مخبوط ہوا
***
شکوے، نگاہِ یار کی خیرات سے گئے
باقی اگر تھے کچھ تو ملاقات سے گئے
کیسے تمیزِ روز و مہ و سال ہو کہ جب
تیرِ جفا و لطفِ مدارات سے گئے
اُس چشمِ مے فروش کی جادو ادائیاں
اک پل میں عقل و ہوش مرے ہات سے گئے
کیسے مٹیں گی آتشِ ہجراں کی سوزشیں
گر چشمِ پر ملال کی برسات سے گئے
بابِ قبول اب کے وہ رکھے بھی وا تو کیا؟
جب میرے دست و لب ہی مناجات سے گئے
کرنے لگے ہیں جب سے وہ ملنے کی خود سبیل
ہم زینؔ لطفِ عرضِ ملاقات سے گئے
***
تم سے کس نے یہ کہا تھا کہ بساؤ دل میں؟
یہ محبت تو مری جان بلا ہوتی ہے
اب جو آنکھوں سے لہو ٹپکا تو حیراں کیوں ہو؟
خواب آنکھوں میں بسانے کی سزا ہوتی ہے
***
رخ سے زلفیں وہ جب ہٹاتا ہے
چاند شرما کے منہ چھپاتا ہے
دل پہ ہوتا ہے سحر سا طاری
جب وہ پلکیں جھکی اٹھاتا ہے
اس کی باتوں سے نغمگی پھوٹے
جادو لفظوں کا وہ جگاتا ہے
ساتھ دیتا ہے ہر نظارہ بھی
اِس ادا سے وہ مسکراتا ہے
دور رہتا ہے پاس ہو کر بھی
ضبط میرا وہ آزماتا ہے
مسکرا کر وہ دیکھ لے جب تو
دل دھڑکنا ہی بھول جاتا ہے
حال دل کا سنا تو دوں اُس کو
حوصلہ ساتھ کب نبھاتا ہے
اُس کا نیچی نظر سے یوں تکنا
دیکھیئے زینؔ کیا دکھاتا ہے
***
غم کی تشہیر نہ کر، خود کو تماشا نہ بنا
دیکھ، اس دردِ محبت کو فسانہ نہ بنا
بے ثمر ہی سہی، شادابیِ جاں کا ہیں سبب
خواہشیں مار کے یوں ذات کو صحرا نہ بنا
وقت بدلے گا، بدلتا ہے، کہاں رکتا ہے؟
حوصلے ہار کے یوں زیست کو ایذا نہ بنا
توڑ سکتا ہوں جسے نہ ہی نبھا سکتا ہوں
مجھ سے اس درجہ انوکھا بھی تو رشتہ نہ بنا
موجِ پر شور حوادث کا پتا دیتی ہے
دیکھ ناداں! لبِ ساحل تُو گھروندا نہ بنا
شوخ نظروں سے تکلم تو ہے عادت اُس کی
ایسی عادت کو محبت کا حوالہ نہ بنا
جس کے انجام پہ منزل ہے نہ منزل کا نشاں
ایسی بے کار مسافت کو تمنا نہ بنا
پھونک ڈالے نہ کہیں زینؔ نشیمن تیرا
خواہشِ لطفِ محبت کو تُو شعلہ نہ بنا
***
اُس کے ماتھے پہ یہ جو سلوٹ ہے
میری قسمت اسی سے تلپٹ ہے
ربط اتنا ہے بس مرا اُس سے
میرا سر اور اُس کی چوکھٹ ہے
ہے ندائے طرب یا غم کی صدا
جانے کیسی یہ سنسناہٹ ہے
پھر کوئی داغ جل اُٹھا شاید
دل کے اندر جو جگمگاہٹ ہے
چین پائے ہے تیرے پہلو میں
دل کو تجھ سے عجب لگاوٹ ہے
زندگی بانٹتی ہوئی جیسے
تیرے ہونٹوں کی مسکراہٹ ہے
دل کا مالک تجھے بنا دیتے
برف لہجہ ترا رکاوٹ ہے
موت آ کر اُتار دے شاید
زندگی بھر کی جو تھکاوٹ ہے
نیند جس نے اُڑا دی آنکھوں سے
اُس کے آنے کی زینؔ آہٹ ہے
***
تمہارے وصل کے جلتے اگر دیئے ہوتے
غم و الم کے نہ ایسے تو سلسلے ہوتے
یہ آرزو کے شگوفے، یہ چاہتوں کے گلاب
تری نظر میں سماتے تو کھل گئے ہوتے
کسی کے حرفِ دعا نے بچا لیا ورنہ
رہِ حیات میں ہم تو بھٹک گئے ہوتے
جدائی اپنا مقدر نہ ہو گئی ہوتی
’’ ہمارے بس میں اگر اپنے فیصلے ہوتے ‘‘
فریبِ دشتِ تمنا میں آ گئے شاید
وگرنہ اتنے بھی مشکل نہ راستے ہوتے
تھی آرزو کہ وفاؤں کے دیس میں جاناں
ہر اک زباں پہ ہمارے ہی تذکرے ہوتے
چمن میں زینؔ سناتی خوشی کے گیت صبا
اگر گلوں سے ہمارے مکالمے ہوتے
***
گو کہ ہر دم رہا ہے آنکھوں میں
پھر بھی کچھ کم رہا ہے آنکھوں میں
شہرِ لندن میں عمر بیتی مگر
عکسِ جہلم رہا ہے آنکھوں میں
دل کا محرم تو بس وہی اک تھا
وہ جو کم کم رہا ہے آنکھوں میں
خواب ٹکتے بھی وصل کے کیسے؟
ہجر کا رَم رہا ہے آنکھوں میں
کوئی تجھ سا کہیں نہیں پایا
ایک عالم رہا ہے آنکھوں میں
بعد تیرے نہ ماہِ عید آیا
بس محرم رہا ہے آنکھوں میں
کیسے اُس کو برا بھلا کہتے؟
جو مکرم رہا ہے آنکھوں میں
رات بھر ذکرِ یار چلتا رہا
’’ رات بھر نم رہا ہے آنکھوں میں ‘‘
کون اُس کو یہ جا کے بتلائے
اُس کا ہی غم رہا ہے آنکھوں میں
آنکھ جس سے چرائے پھرتے تھے
نقش وہ جم رہا ہے آنکھوں میں
زینؔ پھر بھی بھٹک گئے کیسے؟
رستہ پیہم رہا ہے آنکھوں میں
***
مشغلہ مجھ کو مل گیا آخر
رات کٹنے لگی قرینے سے
گنتا رہتا ہوں رات بھر تارے
یاد تیری لگا کے سینے سے
***
نگاہ مجھ سے ملاؤ تو کچھ کلام کروں
نقاب رخ سے ہٹاؤ تو کچھ کلام کروں
فلک مقام تمہارا، میں نقشِ پا ٹھہرا
یہ فاصلہ جو مٹاؤ تو کچھ کلام کروں
مرے ہی دل میں رہو، دل کے حکمراں بن کر
مجھی سے مجھ کو چراؤ تو کچھ کلام کروں
سرورِ عشق میں کھو کر جو نغمۂ الفت
مرے ہی نام کا گاؤ تو کچھ کلام کروں
مرے فراق کے قصے جو بزمِ یاراں میں
زباں سے اپنی سناؤ تو کچھ کلام کروں
چمن میں رنگِ بہاراں ہے چار سو پھیلا
کہیں سے تم بھی جو آؤ تو کچھ کلام کروں
حیات زینؔ کی مانگے ہے ہر دعا میں تجھے
جو اس کا ساتھ نبھاؤ تو کچھ کلام کروں
***
گرویدۂ جاناں کو بدنام تو ہونا تھا
افسانۂ الفت کو پھر عام تو ہونا تھا
آہوں پہ شکایت کیوں، اشکوں پہ گلا کیسا؟
ہاری تھیں وفائیں تو، کہرام تو ہونا تھا
جب قحط پڑا یارو میخانۂ الفت میں
یہ خونِ جگر پھر مے، دل جام تو ہونا تھا
جب شہرِ تمنا میں ہر ایک ہو سوداگر
جذبوں کی صداقت کو نیلام تو ہونا تھا
جب آس نہیں باقی، تقدیر بدلنے کی
تب حرفِ تسلی بھی دشنام تو ہونا تھا
مضطر ہو بھلا کیوں تم، کیوں زینؔ ہو نم دیدہ
یک طرفہ محبت کو، ناکام تو ہونا تھا
***
کسی مہوش سے الفت ہو گئی کیا؟
کہو! خود سے عداوت ہو گئی کیا؟
ترے ہاتھوں میں پرچم عشق کا ہے
زمانے سے بغاوت ہو گئی کیا؟
بہت شیریں سخن، شیریں دہن ہو
محبت ایک عادت ہو گئی کیا؟
سجائے آنکھ میں فرقت کھڑے ہو
ملن کی آس رخصت ہو گئی کیا؟
دلِ ناداں کی دھڑکن بڑھ گئی ہے
جدائی اپنی قسمت ہو گئی کیا؟
کفِ افسوس کیسا زینؔ صاحب؟
لگی دل کی، قیامت ہو گئی کیا؟
***
آرزوئے نا تمام
اگر شاعر جو میں ہوتا
تو لکھتا اک غزل ایسی
میں تیرے حسن کی توصیف میں جاناں
زمانہ رشک کرتا جس پہ صدیوں تک
حسینائیں حسد کی آگ میں جلتیں
ترے دیدار کے داعی
کبھی ہوتے جو مایوسِ تجلی تو
مری تحریر کو پڑھ کر
تصور ہی تصور میں ترا دیدار پا لیتے
مصور گر میں ہوتا تو
میں چنتا پھول سب تازہ
ملا کر چاند کی کرنیں
انہیں پھر گوندھتا جھرنوں کے پانی میں
بنا کر پھر تری تصویر جانِ جاں
سجاتا یوں شبِ روشن کے تاروں سے
کہ جو بھی دیکھتا اُس کو
تجھے ہی رو برو پاتا
مگر جاناں!
میں شاعر ہوں نہ ہوں کوئی مصور ہی
مرے کاندھوں پہ ہیں مجبوریاں میری
جنہیں دن رات ڈھوتا ہوں
مرے دستِ ہنر پر ہے مری تقدیر کا قبضہ
مجھے تصویر جو تیری بنانے ہی نہیں دیتی
مری تاریک راتوں میں کبھی تنویر آنے ہی نہیں دیتی
مری سوچوں پہ رہتے ہیں مرے حالات کے پہرے
جو کوئی لفظ بننے ہی نہیں دیتے
مجھے کچھ بھی وہ لکھنے ہی نہیں دیتے،!
اگر شاعر جو میں ہوتا
تو لکھتا اک غزل ایسی
میں تیرے حسن کی توصیف میں جاناں
اگر شاعر جو میں ہوتا
***
تھی جس کی تمنا، وہ سحر یہ تو نہیں ہے
قائدؒ کی تگ و دو کا ثمر یہ تو نہیں ہے
مسلے ہوئے جذبے، تو کہیں کچلے ہوئے جسم
اقبالؒ کا وہ خواب نگر یہ تو نہیں ہے
ہوتا ہے شب و روز یہاں خون خرابا
پرکھوں نے دکھائی جو ڈگر یہ تو نہیں ہے
لڑ لڑ کے لیا تھا جسے اسلام کی خاطر
وہ پاک زمیں، پاک نگر یہ تو نہیں ہے
ہر لب پہ ہنسی گر ہو تو مانیں کہ ہنر ہے
ہر آنکھ میں ہو اشک، ہنر یہ تو نہیں ہے
آنگن میں اداسی ہے، در و بام ہیں خستہ
تھی جس کی طلب ہم کو وہ گھر یہ تو نہیں ہے
تقدیسِ وطن بھول گئے زینؔ یہاں سب
قوموں کے تقدم کی ڈگر یہ تو نہیں ہے
***
رہزنوں نے ہم کو لوٹا، کام اُن کا تھا یہی
رہبروں کے ہاتھ سے بھی بچ نہ پایا قافلہ
دیوانگی کا ہم پہ جو الزام ہے، تو ہو
چرچا یہ ہر زباں پہ سرِ عام ہے، تو ہو
تقدیسِ عشق میں ہمیں منظور تشنگی
لبریز خواہشوں کا اگر جام ہے، تو ہو
لکھا ہے جو نصیب میں، ملتا ہے بس وہی
بے نام گر حیات کا انجام ہے، تو ہو
مجھ کو عزیز جاں سے ہیں تیرے یہ رنج و غم
نغمہ جو اب خوشی کا سرِ بام ہے، تو ہو
سینچیں گے ہر کلی کو جگر کے لہو سے ہم
گلشن میں گر جو کام یہ بدنام ہے، تو ہو
بدلوں گا خو وفا کی، کسی طور بھی نہ میں
شامل جو عاصیوں میں مرا نام ہے، تو ہو
اے یارِ خوش خرام، تری کج روی کی خیر
میرے لئے یہ موجبِ آلام ہے، تو ہو
گر چل پڑے ہیں زینؔ تو رکنا فضول ہے
اب راستے میں غم کی اگر شام ہے، تو ہو
٭٭٭
اگر تھی ہم سے شکایت تو برملا کرتے
مگر نہ چھوڑ کے جانے کا فیصلہ کرتے
ہمیں قبول تھا یہ بھی، بھلے جفا کرتے
کیا تھا کب یہ تقاضا کہ بس وفا کرتے
ستم ہزار نئے، درد ہی سوا کرتے
حیات اپنی تھی مجرم اگر گلہ کرتے
بچھڑ کے تم سے قیامت گزر گئی دل پر
جو اب بھی اشک نہ بہتے تو اور کیا کرتے
مرے لیے بھی کہیں ہاتھ تو اٹھے ہوتے
دعا اگر نہ تھی ممکن، تو بد دعا کرتے
یہ تیرگی تو ہمیں کب کی ڈس چکی ہوتی
جو دل جلا کے نہ یوں ہم اگر ضیا کرتے
تھا اور کون، جہاں بھر میں آشنا اپنا
تجھے بھی یاد نہ کرتے، تو اور کیا کرتے
یہ آرزو بھی عجب وقتِ مرگ تھی دل میں
تمہی نے زخم دیئے تھے، تمہی دوا کرتے
گئے وہ لوگ کہاں، زینؔ جو خوشی کی طرح
غموں میں ساتھ نبھانے کا حوصلہ کرتے
اب جو پلکوں پہ گراں بار ہے چاہت کا ثمر
دل میں پودا یہ محبت کا اُگایا کیوں تھا؟
تجھ کو معلوم تھا پتھر سے تراشا ہے اسے
پھر یوں پتھر کو خدا، زینؔ بنایا کیوں تھا؟
٭٭٭
یوں نہیں ہے، ان سے میرا سامنا ہوتا نہیں
دل کا لیکن ان کے دل سے رابطہ ہوتا نہیں
حالِ دل ان سے کہوں میں، کب کہوں، کیسے کہوں؟
کشمکش میں مبتلا ہوں، فیصلہ ہوتا نہیں
کوئی اقرارِ وفا ہے، نہ کرم کی آس ہی
دل مگر دامِ تمنا سے رہا ہوتا نہیں
موسمِ ہجراں میں بیتی جا رہی ہے زندگی
ایک وعدہ وصل کا ہے جو وفا ہوتا نہیں
ہیں مری تاریک راتیں کب سے اُس کی منتظر
چاند چہرہ جو کبھی جلوہ نما ہوتا نہیں
اور کیا ہو اب علاجِ دردِ دل اے زینؔ جی
جب خیالِ یار بھی وجہِ شفا ہوتا نہیں
٭٭٭
ساتھ چھوٹا جو ترا تو چلے آئے آنسو
ہم نے کب شوق سے آنکھوں میں بسائے آنسو
کتنے انمول نظارے تھے نظر کے طالب
چشمِ بے داد کو بھائے بھی تو بھائے آنسو
جو بدلتا تھا بساطِ غمِ ہستی، ہنس کر
اب کہ چپ چاپ کھڑا ہے، وہ سجائے آنسو
ہے مقدر کی مدارات کہ چاہت کا صلہ
خواب ہی خواب جہاں تھے، وہاں پائے آنسو
اپنے ہی سود و زیاں کو سبھی روتے ہیں یہاں
کون پلکوں پہ سجاتا ہے پرائے آنسو
زندگی جنگ ہے، جیتے گا یہاں زینؔ وہی
جس نے آنکھوں کے دریچوں سے ہٹائے آنسو
٭٭٭
تیری فرقت میں اب یہ حال ہوا
سانس لینا بھی اک کمال ہوا
درد پہنچا ہے آج اُس حد تک
ضبط کرنا جہاں محال ہوا
روٹھ بیٹھے ہیں حرف بھی مجھ سے
منتشر ایک اک خیال ہوا
ساتھ دے گا وہ زندگی بھر کا
دل کو ناحق یہ احتمال ہوا
ایک امید تھی رفیقِ دل
آج اُس کا بھی انتقال ہوا
ساتھ جس کا، غرور تھا میرا
وہ بھی غیروں کا ہم خیال ہوا
آتشِ درد جب ہوئی روشن
دل کے آنگن میں تب اجال ہوا
بھول جانا اُسے کہاں ممکن؟
یاد کرنا جسے وبال ہوا
یہ جدائی تری ہی چاہت تھی
اب تجھے کس لئے ملال ہوا؟
آنکھ مجھ سے ملاؤ گے کیسے
رابطہ پھر اگر بحال ہوا
دل تھا نازک مزاج پھولوں سا
عشق میں زینؔ پائمال ہوا
٭٭٭
جب سے مہمان وہ بنے دل کے
کب ہیں قابو میں ولولے دل کے
اک نظر میں ہی دل میں آ پہنچا
جانتا تھا وہ راستے دل کے
لب تھے خاموش وصل کی شب کو
دل سے ہوتے رہے گلے دل کے
رات دن اُس کو سوچتے رہنا
کتنے خوش کن ہیں سلسلے دل کے
نام محفل میں جب ترا آیا
تار بجنے لگے مرے دل کے
تم نہ سمجھو، مگر حقیقت ہے
دل سے ہوتے ہیں رابطے دل کے
اب جو سوچوں تو یاد آتا ہے
کتنے مشکل تھے راستے دل کے
درد کتنے یہ ہنس کے سہتا ہے
زینؔ دیکھو تو حوصلے دل کے
٭٭٭
ہر کوئی پریشاں بس، آشیاں کے بارے میں
کس کو ہے پڑی سوچے، گلستاں کے بارے میں
جن کی سوچ پر یارو! پستیوں کا پہرہ ہو
تذکرہ ہی کیا اُن سے، آسماں کے بارے میں
راستوں کی دلدل نے کر دیا جنہیں تنہا
سوچ سوچ روتے ہیں، کارواں کے بارے میں
عمر بھر کی تاریکی، پھر نصیب میرا تھی
خواب ایک دیکھا تھا، کہکشاں کے بارے میں
پل میں توڑ ڈالے گا، سلسلے وفاؤں کے
ہم نے کب یہ سوچا تھا، بد گماں کے بارے میں
زینؔ ہم نے دیکھا ہے، آ کے دشتِ الفت میں
سب غلط تھے اندازے، اِس جہاں کے بارے میں
٭٭٭
دل کی حسرت ہو، التجا تم ہو
رب سے مانگی ہے جو دعا تم ہو
تم کو دیکھا تو یہ کہا دل نے
حسن میں یکتا، دلربا تم ہو
ہاتھ تیرے ہی ڈور ہے دل کی
دل سفینہ ہے، نا خدا تم ہو
زندگی تم کو میں نہیں کہتا
زندگی سے بھی کچھ سوا تم ہو
زندگی بن ترے ہے بے معنی
دل کی دھڑکن کا فیصلہ تم ہو
ناز تم پر ہے مجھ کو چاہت میں
کب کہا میں نے بے وفا تم ہو
٭٭٭
شبِ فراق تھی، گزری یوں رات آنکھوں میں
بسر ہو جیسے، کسی کی حیات آنکھوں میں
خوشی کی بات بھی ہو تو چھلک پڑیں آنسو
عجب سے ہونے لگے حادثات آنکھوں میں
بسے ہوئے تھے یہاں خواب جو کہاں وہ گئے؟
کدھر سے اشک یہ لائے برات آنکھوں میں؟
نظر نظر سے ملاتا تو جان لیتا وہ
لکھی ہوئی تھی مرے دل کی بات آنکھوں میں
کہاں گئی وہ محبت، یہ بے رخی کیونکر؟
الجھ رہے ہیں سبھی واقعات آنکھوں میں
بھلا چکا میں اُسے زینؔ، یوں تو کب کا مگر
نشاں سے چھوڑ گئی ہے وہ مات آنکھوں میں
٭٭٭
خوشبو تری تلاش میں جو کو بکو رہے
دل، کیوں نہ تیری چاہ میں پھر حیلہ جو رہے
حاوی مرے خیال پہ ہے یاد یوں تری
جاؤں جہاں بھی ساتھ مرے تو ہی تو رہے
بگڑے تھے ایک گل پہ وہ کل رات اس لئے
کیوں گلستاں میں اُن سا کوئی ہو بہو رہے
ہونے لگا گلوں پہ بھی کانٹوں کا پھر گماں
جب تک رہے چمن میں وہ، سب مشکبو رہے
الفت میں ایک بار جو آیا تھا شک کا بال
تب سے وفا کے دیوتا، میرے عدو رہے
جائے نہ میرے شہر سے اتنی سی عرض ہے
کب میں نے یہ کہا کہ مرے رُو برو رہے
خوش ہوں اسی پہ آنکھ سے اوجھل نہ ہو کبھی
لازم نہیں کہ اس سے مری گفتگو رہے
کس کی نِگہ میں زینؔ، یوں رہتا ہوں ہر گھڑی
قائم جو اک حصار مرے چار سو رہے
٭٭٭
عجب یہ اذنِ تکلم ہمیں ہے زینؔ ملا
کریں جو بات تو ایسے کہ لب ذرا نہ ہلیں
ہے داغ داغ جگر، دل بھی زخم زخم مرا
اور اس پہ حکم ہوا ہے کہ کچھ گلا نہ کریں
التماس
یہی گر ضد تمہاری ہے
چلو ہم بھول جاتے ہیں
سبھی وعدے،سبھی قسمیں
محبت کی سبھی رسمیں
نہیں منظور جو تم کو
کریں رنجور جو تم کو
(تمہاری شادمانی ہی عزیز از جان ہے جب تو
تمہیں پھر ٹوکنا کیسا؟
زیاں و سود کی بابت بھلا پھر سوچنا کیسا؟)
چلو ہم بھول جاتے ہیں
محبت کی ریاضت میں
وفاؤں کی مسافت میں
قدم کس کے کہاں بہکے، ہوئی کس سے کہاں لرزش
کہ در آئی اچانک سے ہماری آنکھوں میں بارش
اور اُس کی تیز بوندوں نے
کسی تیزاب کی صورت
نشانِ منزلِ دل ہی جلا ڈالا، مٹا ڈالا
مگر جاناں
کہاں آسان ہوتا ہے؟
جگر کا خون اشکوں میں بدلنا اور ۔۔۔بہا دینا
خس و خاشاک چن چن کر
نشیمن اک بنانا اور ۔۔۔اُسی کو پھر جلا دینا
جواں سپنوں کی لاشوں کو
درونِ جاں چھپا کر ۔۔۔ مسکرا دینا
خزائیں پالنا خود میں، بہاریں بانٹتے پھرنا
کہاں آسان ہوتا ہے؟
بہت ممکن ہے ہم بھی ہار ہی جائیں
جواں ہے ضبط جو اب تک
مقابل غم کے آئے ۔۔۔۔ اور ڈھے جائے
اور اس میں بھی تعجب کیا؟
تمہارے لوٹ آنے کی،بچی ہو آس جو کوئی
نوائے بے زباں بن کر
سسک کر پھر سے اٹھے اور ۔۔۔ تم تک بھی پہنچ جائے
سو تم سے یہ گزارش ہے
تب اک احسان تم کرنا
پلٹ کر دیکھنا یوں سرد نظروں سے
کہ جو بھی آس زندہ ہو
اُسے یکسر مٹا دینا
ہمیں پتھر بنا دینا!
٭٭٭
زینؔ جن پرندوں کے بال و پر نہیں ہوتے
اُن کے گھونسلے بھی تو اوج پر نہیں ہوتے
جن گھروں کی قسمت میں سکھ نہ ہو مکینوں کا
وہ مکاں تو ہوتے ہیں، گھر مگر نہیں ہوتے
منزلوں کو پانے میں عمر بیت جاتی ہے
راستے وفاؤں کے، مختصر نہیں ہوتے
کاش! مان لیتا دل، راہِ عشق میں ہر پل
دھوپ تن جلاتی ہے، اور شجر نہیں ہوتے
ہم بھی کتنے ناداں تھے، جان ہی نہیں پائے
ساتھ چلنے والے سب، ہمسفر نہیں ہوتے
سو نقاب چہرے پر، ہر کوئی سجائے ہے
لوگ جیسے دِکھتے ہیں، بیشتر نہیں ہوتے
دل کی بات کیا کیجیے، یہ تو نا سمجھ ٹھہرا
فیصلے جو کرتا ہے، معتبر نہیں ہوتے
لُٹ گئی متاعِ جاں تب سمجھ میں آیا ہے
درد بانٹنے والے، چارہ گر نہیں ہوتے
زینؔ کیا سناتے ہو، اِن بتوں کو دردِ جاں
پتھروں کے سینے میں، دل، جگر نہیں ہوتے
٭٭٭
کبھی جو زیست میں آیا مقامِ دل شکنی
تو ہنس کے زینؔ پیا ہم نے جامِ دل شکنی
ضرور وہ بھی کسی مصلحت کا مارا ہے
منا رہا ہے اکیلا جو شامِ دل شکنی
مری طرح ہی بہاروں میں وہ لٹا ہو گا
کہا ہے جس نے محبت کو دامِ دل شکنی
ملن کی آج بھی ممکن نہیں کوئی صورت
سنا گیا ہے یہ قاصد پیامِ دل شکنی
تُو ہی بتا کہ اِسے نام کیا دیا جائے
نظر میں چاہ، تو لب پر کلامِ دل شکنی
ہمیں بھی شوق تھا جینے کا پر یہ جامِ زہر
لبوں سے ہم نے لگایا بنامِ دل شکنی
کہیں بھی زینؔ میں جاؤں، بدل نہ پائے سماں
ٹھہر گئی ہے یوں دل میں وہ شامِ دل شکنی
٭٭٭
ماخذ
http://www.hallagulla.com/urdu/اشتیاق-زین-2551/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
رات آنکھوں میں
اشتیاق زین
غزل، خدا را بخش دو اب تو!
ترے وصال کی جب سے ہے سر خوشی روٹھی
قرار دل کو ملا، ناں ہی بے کلی روٹھی
عجیب مرگ کا عالم چمن پہ ہے طاری
صبا ہے چپ، تو گلوں سے ہے تازگی روٹھی
نگاہِ یار ہو، قسمت ہو، یا ضیائے طرب
بتائے کون، ہمیشہ ہی کیوں رہی روٹھی؟
یہ کس مقام پہ قسمت مجھے ہے لے آئی
کہ تیرگی ہے بہت، اس پہ روشنی روٹھی
رہِ حیات میں عبرت نشاں ہوں میں لوگو!
ہے موت مجھ سے گریزاں، تو زندگی روٹھی
میں غم کو دل کا سہارا بنا کے جی لوں گا
رہے خوشی سے مرے دل کی ہر خوشی روٹھی
خدا کرے نہ کبھی زینؔ، وہ ہو نم دیدہ
بھلے ہی میرے لبوں سے رہے ہنسی روٹھی
***
خدا را بخش دو اب تو!
خدا را بخش دو اب تو!
تمہاری مہربانی سے بہت کچھ سہہ لیا ہم نے
کہیں روٹی کے لالے ہیں
کہیں بجھتے اجالے ہیں
کہیں آنکھوں میں اشکِ خوں
کہیں تن من پہ چھالے ہیں!
جہاں چاہت کی تھی خوشبو، وہاں بارود کی بو ہے
جہاں بستی تھیں بس خوشیاں، وہاں ماتم کی آوازیں
سہانے خواب تھے جس جا، وہاں اب وحشتیں ناچیں
سرِ بازار اب ہائے، ہماری خواہشیں ناچیں
نئی ہر روز ہی ہم پر، ہزاروں آفتیں ناچیں
تمہارے عہدِ شاہی میں، ہزاروں پھول ایسے ہیں
کہ مجبوری جنہیں بس اِک نوالے ہی میں بیچ آئے
بہت معصوم کلیاں تھیں
جنہیں حالات کے دھارے سرِ بازار لے آئے
جو معمارِ وطن تھے کل ،انہیں ’’ خود کش ‘‘ بنا ڈالا،
سنبھل سکتے تھے جو شاید، انہیں پل میں گرا ڈالا
تھے بوڑھے ناتواں کاندھے
جنہیں کچھ اور بھی تم نے ہلا ڈالا، جھکا ڈالا
اور اس پر بھی تمہیں دعویٰ؟
مسیحا ہو، سہارے ہو؟ کہ محسن تم ہمارے ہو؟
خدا را بخش دو اب تو
خدا را بخش دو اب تو!
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)