رات سے ہاری آنکھیں
ابرار عمر
شام تک پھرتی رہیں ہجر کی ماری آنکھیں
ڈھل گئی شام تو پھر رات سے ہاری آنکھیں
ہم اسی آس پہ آنکھوں کو کھلا رکھتے ہیں
لوٹ آئیں نہ کسی روز تمہاری آنکھیں
اشک ساگر بنے تحریر بنی ہے زنجیر
جب سے بچھڑی ہیں تری پیار سے پیاری آنکھیں
گاتے گاتے ہمیں اک شخص کی یاد آتی ہے
بھیگ جاتی ہیں سرِ بزم ہماری آنکھیں
جانے کیا بات ہے کیوں دیکھتی رہتی ہیں عمر
میری آنکھوں کی طرف شہر کی ساری آنکھیں
٭٭٭
جب بھی آتی ہیں خیالوں میں تمہاری آنکھیں
بھیگ جاتی ہیں کسی غم سے ہماری آنکھیں
ڈھل گئی شام اندھیرے نے طنابیں گاڑیں
سو گئیں تھک کے ترے ہجر کی ماری آنکھیں
تم مرے پاس نہیں پھر بھی تمہارا چہرہ
سوچتی رہتی ہیں یہ درد کی ماری آنکھیں
سلسلہ ٹوٹ بھی سکتا تھا بصارت کا کبھی
تھام لیتی نہ اگر آنکھ تمہاری آنکھیں
منزلِ عشق میں ایسا بھی مقام آیا ہے
لے گئے آنکھوں کے بدلے وہ ہماری آنکھیں
٭٭٭
ایک رات کے لیے بسایا ہوا گھر
ٹھنڈی ہوا کی سرگوشی کرتی ہوئی راگنی
ظرفِ گدائے حُسن میں
بے وطنی میں اپنائیت کی خیرات
Cassette Playerپر گٹار کی مضطرب کرتی ہوئی آواز
رات کے آنچل کا برف سے ڈھکی چوٹیوں پر
دھیرے سے پھیلنا
چار سُو پھیلی ہوئی چاندنی
شرم اور Desireکی ملی جلی کیفیت
کچھ نہ کہتے ہوئے بہت کچھ کہنے کی آرزو
پربت پہ
ایک رات کے لیے بسایا ہوا گھر
٭٭٭
مرے اندر بھی کوئی چیختا ہے مرے باہر بھی رونے کی صدا ہے
میں اپنی ذات میں تنہا نہیں ہوں تمہارے ساتھ بھی اک دوسرا ہے
مرے امکان کے جو زاویے ہیں وہ ان کو خامشی سے ڈھا رہا ہے
بہت دن پہلے بھی وہ اس جگہ تھا بہت دن بعد بھی وہ اس جگہ ہے
مری بستی کے سارے گھر جلا کر تمہارا ایک گھر روشن ہوا ہے
کسی آہٹ سے پھسلے گا وہ اک دن وہ چکنے فرش پر جو چل رہا ہے
وہ سارے لفظ جو میرے لیے تھے کسی کے واسطے وہ بولتا ہے
ہوائیں بین کرتی جا رہی ہیں دھوئیں کے ہاتھ میں گل کی قبا ہے
کسی کے پاس بھی چہرہ نہیں ہے مقابل آئینے کے آئینہ ہے ٭٭٭
کیا تم کو وہ زمانے یاد نہیں آتے
کیا تم کو وہ زمانے یاد نہیں آتے
جب میری ریشمی یادوں کے سہارے
سبیل وقت کے کنارے
تم رات کو دن اور صبح کو شام کرتے تھے
جب آدھی رات کو آئینے کے حضور
رتجگے سے مخمور
مجھ سے جو بات کرنا ہوتی تھی
وہ خود سے ہی چھیڑ لیتے تھے
اور مجھے خیالوں میں گھیر لیتے تھے
جب سردیوں کی خنک راتوں کو
بھلا کے سب ماتوں کو
کمبل کی جگہ میری باتوں کو
اوڑھ لیتے تھے
میرے گیتوں کو بار بار Rewindکر کے
ان سے اٹھکیلیاں کرتے تھے
کئی طرح سے خود پر کھلتے تھے
کیا تم کو وہ زمانے یاد نہیں آتے
جب ٹوٹی ہوئی جالی سے ہاتھ باہر نکال کر
تم مجھے خدا حافظ کہتے تھے
اور میں تمہارے ہاتھ میں
ادھ پھیلی رات میں
تمہارا چہرہ ڈھونڈتا تھا
اور خوشی سے جھومتا تھا
جب آسمان محبت پر تتلی کی طرح
اڑنے کی آرزو میں
گفتگو ہی گفتگو میں
آنچل کو شانوں پر بکھیرے
شوخی سے اترائے
تم جھوم جاتے تھے
مجھے خیالوں میں چوم جاتے تھے
کیا تم کو اب وہ زمانے یاد نہیں آتے
جب دھڑکنوں کو سینے سے باہر محسوس کرتے تھے
ڈرتے تھے کہ کہیں کوئی تمہارا دل دیکھ نہ لے
اور پوچھ نہ لے
سارا قصہ بہاروں کا.......
نظاروں کا ................
ستاروں کا................
٭٭٭
تم مری پیاس ہو
دل کشی ، آرزو، آئینہ ، روشنی
مجھ سوالوں کے مارے کو اس زندگی نے
خیالوں کی تصویر کے روپ میں کتنے سپنے دیے
میری آنکھوں کو ہونے کی پاداش میں
کیسے منظر ملے
میرے چہرے پہ افسوس کی گرد ہے
قریہ دل میں گل کی قبا زرد ہے
حرف چپ ہیں مرے ساز خاموش ہیں
خواہشوں کے طلسمات مدہوش ہیں
رہگذر ہے مگر ہمتیں ختم ہیں
تم خیالِ نظر کی نئی آس ہو
میں کہ پیاسا ہوں
اور تم
مِری پیاس ہو
٭٭٭
رات گھائل ہے تو سحر خاموش خواب جھوٹا ہے رہ گزر خاموش
دشت حیرت میں کھو گیا ہوں میں دل کی دھڑکن ہے چپ نظر خاموش
ایک ماتم ہے اب محیط شام خون دہلیز پر ہے گھر خاموش
سبز دریا نے رُخ جو بدلا ہے ہو گیا آس کا نگر خاموش
سانپ آیا ہواؤں کی شہ پر گھونسلا تار تار پر خاموش
ایک تارِ نفس ہی باقی ہے میرے انجام پر خبر خاموش
ایک صحرا کے بعد فردا ہے اور کرنا ہے اب سفر خاموش ٭٭٭
محبت
محبت رقص کی صورت
کبھی اک عکس کی صورت
محبت دل سے دل کے رابطے کی آخری منزل
محبت تجربہ ہے اک
حسیں لمحوں کو بننے کا
محبت نارسائی ہے
محبت ایک رستہ ہے
جو اپنے راہگیروں کو کئی انجام دیتا ہے
محبت انتظارِ یار میں بھٹکا ہوا لمحہ
محبت جستجو بھی ہے
کسی کی آشنائی کو انوکھا موڑ دینے کی
محبت روٹھ جائے تو سدا کا روگ بن جائے
یہ ایسا سوگ بن جائے کہ بازی ہارنے والے
خود اپنے آپ کو ہاریں
خود اپنے آپ کو ماریں
کسی فنکار کی خاطر
محبت ایک تخلیقی صلاحیت ہے
جس سے وہ نئے شہکار کی تصویر بُنتا ہے
محبت اک علامت ہے
کسی کے زندہ ہونے کی
کسی کے زندہ رہنے کی
٭٭٭
باہم جو فاصلے ہیں خوابوں کے سلسلے ہیں
پھولوں کی دوستی میں تتلی کے پر جلے ہیں
بھولا ہوا مسافر منزل کو ڈھونڈتا ہے
نظریں دھواں دھواں ہیں لمحوں کو پر لگے ہیں
رنگوں کی روشنی سے مہکے ہوئے یہ چہرے
پیاسوں کی سرزمیں پر دریا بھی بہہ رہے ہیں
گھر میرا جل رہا ہے تجھ کو خبر نہیں ہے
یہ کیسی دوستی ہے یہ کیسے سلسلے ہیں
کیا دیکھتے ہو صورت دل میں اُتر کے دیکھو
پہلا قدم تو رکھو رستے سجے ہوئے ہیں
دل نے خراج مانگا صدیوں کے رتجگوں کا
نیلے سمندروں سے موتی نکل پڑے ہیں
٭٭٭
ایک نظم لکھنے سے پہلے کا منظر
اُداس بلب نے میرے کمرے میں
پیلی تنہائی بچھائی ہوئی ہے
دیوار پہ لٹکی ہوئی تمہاری تصویر
Rackمیں پڑی ہوئی کتابیں
کھونٹی پر لٹکی ہوئی میری شرٹس
دروازے اور کھڑکی پر لٹکے ہوئے پردے
یہ آئینہ
اور یہ میں کیا دیکھ رہا ہوں
میری آنکھیں میرے ہونٹ میرا پورا بدن
سب کچھ پیلا ہو رہا ہے
اس پیلے دوپٹے کی طرح
جو تم نے کل کتابوں کی نمائش میں
اوڑھا ہوا تھا
٭٭٭
آس نراش کا زخمی پنچھی آخر کب تک گائے گا
جو بھی پھول کھلا ہے اک نا اک دن وہ مرجھائے گا
ہم نے مانا لاکھ بہاریں آئیں گی پھر جائیں گی
شاخ سے ٹوٹا پتّا یارو واپس کیسے جائے گا
اگلے ساون کھل کر برسیں گے یہ دل نے ٹھانی ہے
کہتے ہیں کہ اگلے ساون وہ بھی لوٹ کے آئے گا
ایک زمانے سے دیکھی ہے ہم نے رِیت زمانے کی
جس کے ہاتھ میں لاٹھی ہو گی وہ مالک کہلائے گا
میرے آنگن کا تحفہ ہے کچّی مٹّی کی خوشبو
یہ تحفہ وہ پائے گا جو ساون بن کر آئے گا
یوں تو پانی بھرنے آئیں کتنی سکھیاں پنگھٹ پر
جس کا پانی گھر تک پہنچے وہ بھریا کہلائے گا ٭٭٭
DARK AND COLD AND LATE
رات کا پچھلا پہر اور جل بجھے سے قمقمے
دور نکڑ پر گلی کے دو بدن محوِ سلام
کانپتے ہونٹوں نے ہونٹوں پر لکھی تنہائیاں
٭٭٭
زندگی کا زندگی سے فاصلہ رہ جائے گا
صورتیں کھو جائیں گی بس آئینہ رہ جائے گا
تم چلے بھی جاؤ گے لیکن تمہاری یاد کا
دور تک پھیلا ہوا اک سلسلہ رہ جائے گا
قہقہوں کی مشعلیں اور رات کا پچھلا پہر
واقعے کے بعد بھی اک واقعہ رہ جائے گا
لاتعلق ہو گئے جب اس سے اس کے مہرباں
وہ ہماری بات کو پھر سوچتا رہ جائے گا
اوڑھ کر حیرانیوں کی چادریں سو جائیں گے
قافلے تھک جائیں گے اور راستہ رہ جائے گا
خواب بن جائے گی اک دن حُسن کی ہمسائیگی
بر سرِ دیوار بس اک واہمہ رہ جائے گا
٭٭٭
ریت پر لکھا ہوں میں ایک حادثہ ہوں میں
میں یہاں ہوں پر نہیں آ کے جا چکا ہوں میں
سب میں ہوں میں منقسم کس کا جانے کیا ہوں میں
وہ بدل گیا ہے اب پر اسی طرح ہوں میں
شہر ہے دھواں دھواں کچھ بچی ہوا ہوں میں
جس میں عکس ہی نہیں ایسا آئینہ ہوں میں
جھوٹ بولتا ہوں اب سچ کی اک سزا ہوں میں
عمر سوچتے کٹی میں ہوں میں تو کیا ہوں میں
اپنا ہاتھ دیکھ لو ہاتھ پر لکھا ہوں میں
آج ہوں میں کل نہیں کل کا بھی پتہ ہوں میں
لوٹ کر چلا بھی آ آخری صدا ہوں میں ٭٭٭
کسی کی ذات میں جھانکا تھا سبز موسم میں
پھر اس کے بعد کھلے پھول عمر بھر کے لیے
ہزاروں بار کسی اجنبی سی منزل سے مجھے پیام ملا ہے نئے سفر کے لیے
کہیں سے بھی مجھے تیرا سراغ مل نہ سکا
میں کتنے شہر پھرا اک تری خبر کے لیے
٭٭٭
اس کی آنکھوں سے 35سال بہہ رہے تھے*
میں نے
اس کے اور اپنے درمیان کا فاصلہ اس لیے پاٹ لیا
کہ میں اپنے بچپن کی اُنگلی کو تھامے
جوانی کو پہنے
بڑھاپے کے گھر تک کا سفر بڑی آسانی سے کر لیتا ہوں
مرے بچے
مرے بوڑھے
مرے جوان
پتہ نہیں کس نے
یا سب نے مل کر
اس کے دُکھ کے منجمد بدن کو آخر کار توڑ دیا
اس کی آنکھوں سے اس کے پینتیس سال بہہ رہے تھے
اور میں انہیں
لمحہ لمحہ
دن دن
اور آنسو آنسو گن رہا تھا
میں ایک بچہ
ایک بوڑھا
ایک جوان
اس کے بازوؤں میں سمٹا ہوا
اس کو اپنے بازوؤں میں سمیٹے ہوئے
اس کی آنکھوں کو دیکھ رہا تھا
جو پانی کی بنی ہوئی تھیں
٭٭٭
ہمارا دور تک کوئی نہیں ہے سہارا دور تک کوئی نہیں ہے
ہمیں پھر سے ملیں گے گزرے موسم اشارہ دور تک کوئی نہیں ہے
ملا ہے آسماں مجھ کو جس میں ستارہ دور تک کوئی نہیں ہے
میں گہرے پانیوں میں گھر گیا ہوں کنارا دور تک کوئی نہیں ہے
کھڑا ہوں میں اکیلا رہ گزر پر پکارا دور تک کوئی نہیں ہے
عمر کچھ ایسے اب تو جل رہا ہے شرارہ دور تک کوئی نہیں ہے ٭٭٭
اک زماں کی خبر ایک پل کی صدا اک اشارہ بنا منزلوں کا پتہ
روشنی بھی اندھیرے کا اک عکس ہے صورتوں میں مقید ہے ان کی سزا
جسم سمٹا ہوا ہاتھ پھیلا ہوا پھول مسلا ہوا جھگیوں میں کھلا
اس کو چھوتا رہا اس سے لپٹا نہیں روشنی کا رہا مجھ سے اک فاصلہ
ان کو معلوم تھا ان کے اس جرم کی کتنی نسلوں کو ملتی رہے گی سزا
جس کی تنویر سے ہے زمیں پر اُجال وہ ستارا کسی کہکشاں سے گرا
میری تدبیر ہے روشنی کا خمیر مجھ کو اعجاز یہ گردشوں سے ملا
زندگی بھر رہا ڈھونڈتا میں عمر ایک نقطے کے گرد ایک ہی دائرہ ٭٭٭
اس کی باتیں ہیں موسموں کا سفر اس کی صورت میں چاندنی کا اثر
ہر خوشی اک سراب بن جاتی ساتھ ملتا نہ مجھ کو تیرا اگر
میری کشتی کے ناخدا تم ہو اب ڈبوئے گا مجھ کو کیسے بھنور
ایک آہٹ ہے ایک سایہ ہے اس کی آمد کی منتظر ہے نظر
راستوں کی تھکن ارادوں کو خوبصورت بنا رہی ہے عمر
اک ستارے کو عمر بھر کے لیے کہکشاؤں میں مل گیا ہے گھر
رنگ آنکھوں میں بھر لیے ہوں گے اب وہ مجھ سے چرا رہا ہے نظر ٭٭٭
مشکل کا مسافر
چشموں کا پانی پی کر
جوان ہونے والی لڑکی
چہرے پر چاند سجا
اور پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے میں
میری مدد کر
جب تو میری زندگی میں
پوری کی پوری آ جائے گی
میں تجھے دھوپ پہن کر
صحرا میں چلنا سکھاؤں گا
٭٭٭
پرندہ اور بھی اونچا اُڑے گا نہیں تو آسماں نیچے جھکے گا
ہمیں اپنے کنارے مل گئے ہیں ہمارے سامنے تو کیا رُکے گا
سفر کے خاتمے پر رقص ہوگا مسافر منزلوں کو اوڑھ لے گا
ہمیں معلوم ہے کہ کچھ دنوں تک ہمارا راستہ وہ چھوڑ دے گا
کسی کے ساتھ ہو لے اے عمر تو نہیں تو کوئی تجھ کو مار دے گا ٭٭٭
اُڑاتا جا رہا ہے کوئی اُڑتا جا رہا ہوں میں
فضا میں مشتہر اس طرح ہوتا جا رہا ہوں میں
گزرتی جا رہی ہے رات بڑھتی جا رہی ہے بات
سناتا جا رہا ہے کوئی سنتا جا رہا ہوں میں
یہ رونے کی کچھ آوازیں یہ کچھ ہنستے ہوئے چہرے
یہ مرتا جا رہا ہوں میں کہ سوتا جا رہا ہوں میں
مجھے اب ناروائی نے دیا ہے حوصلہ اتنا
انا کی ساری دیواریں گراتا جا رہا ہوں میں
٭٭٭
سائبیریا۔۱
''اپنی سائبیریا کو بھولئے گا نہیں''
ٹیلی فون پر اس کی آواز کانپ رہی تھی
یہ اس کا آخری فون تھا
میں ڈوبتی نبضوں کے ساتھ
اپنے کلینک کی Basementکی سیڑھیاں اُتر رہا تھا
اس دن کو اندھیرے میں دفن کرنے میں.مجھے تیس سال لگے،
رات کو میں نے
اس تعلق سے جنم لینے والا
پہلا Nightmareدیکھا
''زندگی ایک نقطے کی صورت
میرے آگے بھاگے جا رہی تھی
اور میں اس کو چھونے کی ناکام کوشش
کر رہا تھا''
آنکھ کھلی تو
میری ساریPhysiology
Dearrangeہو چکی تھی
جو آج تک Dearrangedہے
٭٭٭
اس کے آنے سے روشنی ہوگی زندگی میری زندگی ہوگی
اس کو جانے کی جب پڑی ہوگی رات سر پر مرے کھڑی ہوگی
چاند مہکے گا پھول کی صورت پھول کھلتے ہی چاندنی ہوگی
وہ تو کرتا رہا تھا اپنی بات اس نے میری کہاں سنی ہوگی
دل ہی دل میں وہ جل رہا ہوگا برف پھولوں پہ جب جمی ہوگی
مجھ کو معلوم ہے کہ میرے بعد میری شہرت گلی گلی ہوگی
اب اشاروں سے بات کرتا ہے اس کی آواز مر گئی ہوگی ٭٭٭
مرے کمرے میں جب آئی
نہ اس کی آنکھ روشن تھی
نہ ہونٹوں پر تراوٹ تھی
نہ باتوں میں صداقت تھی
مرے کمرے میں جب آئی
تو پہلا سا تبسم بھی
نہیں تھا اس کے چہرے پر
وہ مفتو حوں کی صورت بوکھلائی سی تھی
سانسوں کو عجب خدشے سے کھینچے جا رہی تھی
اس کے چہرے پر
سیاہی گھر کے آئی تھی
کبھی صوفے سے اُٹھ کر کمرے کے دروازے تک جاتی
مگر پھر بے قراری سے زمیں پر بیٹھ کر گھٹنوں میں سر دے کر
بڑے ہی زور سے روتی
وہ خودسر ،
راستوں کی سازشوں سے بے خبر لڑکی
سرابی،
خواب میں رہنے کی عادی ، بے ثمر لڑکی
مِرے کمرے میں جب آئی
ازل سے تا ابد پھیلی ہوئی میری محبت
در گزر کے چند لفظوں سے لپٹ کر
میری باتوں میں سمٹ آئی
٭٭٭
اس کی باتوں سے ایسا لگتا ہے میرے خوابوں کو اس نے دیکھا ہے
دل کہ بہلا اسی فسانے سے مجھ کو میرا کوئی تو ملنا ہے
تیرا رونا بجا سہی لیکن جس نے چھوڑا تھا وہ بھی تنہا ہے
تیرے آنچل سی رات پھیلی ہے تیرے چہرے سا چاند نکلا ہے
گو کہ لمحوں کی بات ہے لیکن اس کو میرا خیال آیا ہے
اس کی ساگر سے گفتگو ہوگی چاند نے روبرو بلایا ہے
پھول میں ہوں وہ تتلیوں جیسا رنگ اس نے تجھی سے مانگا ہےٍ ٭٭٭
سائبیریا۔۲
اپنے گھر کی چھت پر لیٹے
دل کے کورے کاغذ پر جو
سرخ گلابوں نے لکھی تھی
تیرے خیالوں نے سوچی تھی
بیتے وقت کی ایک نشانی
برسوں پُرانی ایک کہانی
تیرے نام !
٭٭٭
کبھی جو جسم ترا عکس کو پکارے گا مرا خیال تجھے آئینہ دکھا دے گا
تمہارے ساتھ بھی ہوگا یہ حادثہ اک دن
تمہارا ساتھ کوئی اس طرح ہی چھوڑے گا
یہاں سے دور اب اک روشنی چمکتی ہے یہاں سے دور اب اک راستہ بھی نکلے گا
سراب پانیوں میں اس طرح سے بدلیں گے
جو خود کو راز داں سمجھے گا وہ تو ڈوبے گا
یہ ساری ریت پہ لکھی ہوئی کہانی ہے بس ایک جھونکا جو آیا اسے مٹا دے گا
سمجھ میں آنے لگیں گی ہماری باتیں بھی
تمہارا قافلہ جب جنگلوں سے گزرے گا
٭٭٭
NEW CAMPUS
کیمپس کے رستے
ہنستے بستے رہتے ہیں
نہر کے کنارے پر کھڑے درختوں کا
بچھڑنے والے لوگوں کے لیے احتجاج
نئے آنے والوں کے احترام میں
ڈوب جاتا ہے
٭٭٭
SWEAT
برف کے پہاڑ پر
چھوٹے سے مکان میں
گرم سانسوں میں گھلی
پھیکی پھیکی روشنی
سرد رات میں سماں
گرمیِ بہار کا
اک حسین واقعہ
پیار کے شمار کا
دھیرے دھیرے بولنا
اب یہاں اور اب وہاں
ہوش کس کو اب یہاں
کل کی ہے خبر کہاں
چوڑیوں کے ساز پر
دو بدن تھے رقص میں
عکس آئینوں میں تھا
آئینے تھے عکس میں
روح کی جو سلوٹیں تھیں پیرہن پہ آ گئیں
دور پار وادیوں میں پھر گھٹائیں چھا گئیں
٭٭٭
یہ کیسا سورج نکل رہا ہے کہ سارا منظر بدل گیا ہے
پُرانے خط پڑھ رہا ہے کوئی سراب دل سے لگا رہا ہے
تمہاری باتیں کسی کے لب پر مری سماعت کا حوصلہ ہے
کھلی جو آنکھیں تو دیکھتا ہوں وہ گاؤں میرا گزر گیا ہے
لرز رہا ہے زباں پہ لا کر وہ اپنی باتوں سے ڈر رہا ہے
خموشیوں کو خبر مبارک ہجوم کے پاس راستہ ہے
ہوا کی بستی اُجڑ گئی ہے صدا کا پنچھی بھی مر گیا ہے
دعا میں مانگا تھا روشنی کو ستارہ آنکھوں میں چبھ گیا ہے
کھلا رہا ہے جو پھول ہر سُو وہ آندھیوں سے ملا ہوا ہے
میں جھیل بن کر اُجڑ گیا ہوں وہ چاند بن کر بسر ہوا ہے
نئے زمانوں کے خواب دیکھو پُرانا منظر اُجڑ چکا ہے ٭٭٭
BEAUTY
پھول کا سارا رس بھنورا چوس گیا
سارا رنگ تتلی لے اُڑی
پتیاں خاک کا حصہ بن گئیں
٭٭٭
زندگی کو اک فسانہ چاہیے مشکلوں کو بھی ٹھکانہ چاہیے
رائیگاں ہے خواب لکھنا رائیگاں تم کو بھی اب بھول جانا چاہیے
ان ہواؤں ان فضاؤں سے کہو ہم کو موسم شاعرانہ چاہیے
جس میں میں ہوں اور میرے گزرے دن ایک ایسا گھر بسانا چاہیے
زندگی کے اس سفر میں ایک بار ہر کسی کو دھوکہ کھانا چاہیے
ہم نے اک دوجے کو کتنے غم دیئے اب ہمیں پھر مسکرانا چاہیے
میری ساری شاعری ہے تیرے نام اور تم کو کیا خزانہ چاہیے
سرخ آنچل کی مہکتی بازگشت ہم کو پھر گزرا زمانہ چاہیے
کاش اس کی سوچ میں یہ بات ہو اس کو مجھ سے مل کے جانا چاہیے ٭٭٭
وہ جن رستوں پہ چل کے ہم نے منزل کے سہانے خواب دیکھے تھے
انہی رستوں پہ جب تازہ رفاقت پھول چُنتی ہے تمہاری یاد آتی ہے
سفر جب اجنبی شہروں کے تازہ تجربوں تازہ مناظر سے مہکتا ہے
نظر کی سوئی جب دل پر نئی تصویر بُنتی ہے تمہاری یاد آتی ہے
کبھی خاموش رستوں پر صدا کے پھول لہرائیں تو دل میں خواب پلتے ہیں
مجھے لگتا ہے تُو اب بھی مری آواز سُنتی ہے تمہاری یاد آتی ہے
٭٭٭
خواب میں لکھی ہوئی ایک نظم
رات آسمان سے
بے لباس ماہتاب
میری چھت پہ آ گیا
میرے پور پور میں
چاندنی بچھا گیا...........
٭٭٭
وہ حقیقت میں مجھ کو بھولا تھا مجھ کو امکان کا سہارا تھا
میں کہ کھویا ہوا مسافر تھا وہ کہ دلکش سا ایک رستہ تھا
میں پہاڑوں پہ رہ رہا تھا جب میں نے صحرا کا خواب دیکھا تھا
میں نے سوچا تھا وہ ہے ساتھ مرے تھا تو وہ ، دوسرا کنارا تھا
جس کی خاطر رہا تھا میں تنہا اس نے کتنوں کا ساتھ چاہا تھا
وہ تعلق میں اک خلیج بنا ایک وقفہ جو اس نے مانگا تھا
وہ سمندر کے بادشاہ ہیں آج جن کو تنکوں کا بھی سہارا تھا ٭٭٭
شام غریباں
وفائیں رو رہی ہیں زندگی کے مقتل میں
ہزاروں خواہشیں غم سے فگار بیٹھی ہیں
سمے کی آگ نے جھلسا دیئے ہیں سب خیمے
وہ جن میں عشق نے تھک کر پناہ لے لی تھی
٭٭٭
سی سی یو
یہ میرا وہم تھا کہ موت لوٹ جائے گی
مجھے عزیز تھا بیمار زندگی کا چراغ
حیات و موت کی اس کشمکش میں دل ہارا
سلگتی رات کے ہاتھوں پہ مر گئی خواہش
٭٭٭
ہائے
ڈیش بورڈ پہ شام رسیدہ دن کی پرچھائیں
جس چہرے نے روگ دیئے تھے اُس چہرے کی یادیں
وقت کی دھول میں بھول ہوئے سب لمحوں کی فریادیں
خواب خیال ہوئے وعدوں کی درد میں لپٹی چیخیں
منظر منظر اُبھرتا دُکھ کا ایک گھنیرا جنگل
جنگل کی تصویر میں گھائل دو جسموں کے سائے
٭٭٭
تمام غم ہے
سوال غم ہے
جواب غم ہے
ہزار سالوں میں جو مکمل ہوئی
محبت کی خون رنگی کتاب غم ہے
تمہارے لب پہ جو مسکراہٹ ہے
میرے لب پہ جو آشنائی کی منزلوں کا سفر لکھا ہے
یہ سارا غم ہے
کسی کے تن کی سندرتا غم ہے
کسی نظر کی گنجلتا غم ہے
محبتوں کے سمندروں میں
اُترتی خوش رنگ سیڑھیوں پر
یہ لڑکیوں کی قطار غم ہے
کفن میں لپٹی دُلہن کی آنکھوں میں
آنسوؤں کا شمار غم ہے
وہ لڑکیاں ، لڑکے ، عورتیں ، مرد غم ہی غم ہیں
جو میری نظموں کے جنگلوں کے
بے سمت رستوں پہ کھو گئے ہیں
وہ سال خوردہ حسین عورت بھی غم کا چہرہ بنی ہوئی ہے
جسے محبت نے روشنی کی نوید دی تھی
وہ جس نے وعدوں سے اپنی منزل کشید کی تھی
وہ گاؤں کی کچی پکی راہیں
وہ میری ماں کی نحیف بانہیں بھی غم ہی غم تھیں
کہ میرا بچپن تو غم کے لمبے سفر کی
غمگین ابتدا تھی
جوانی غم کی کہانی بن کر
کچھ ایسے لفظوں میں ڈھل گئی ہے
کہ غم کی تشہیر ہو گئی ہے
ابھی ابھی یہ جو شوخ سائے
حسین لمحوں کو چن رہے تھے
یہ غم کی تاریخ بن رہے تھے
یہ فلسفہ عقل و عشق و عرفاں
مجاز ، اعجاز اور حقیقت بھی سارے غم ہیں
میں ایک شاعر
میں ایک ساحر
میں آگہی کے عذاب میں گُم
سفر کا انجام جانتا ہوں
میں مانتا ہوں
کہ ہر خوشی کا امام غم ہے
تمام غم ہے
٭٭٭
JAIL BIRD
الماری میں
دیمک یادیں چاٹ رہی ہے
میز پہ اک گلدان ہے
جس میں پھول نہیں ہیں
سامنے اک تصویر ہے
جس میں ماضی کے کچھ لمحے چیخ رہے ہیں
سانس نے مرنے کی خواہش کو قید کیا ہے
کھڑکی سے باہر
نظر سے دور ہوائیں رقص میں ہوں گی
اپنی اپنی خوشیاں
وقت کے عکس میں ہوں گی
٭٭٭
۔۔۔۔ہم جسے جو سوچتے تھے
مری آنکھوں کو تھامے تم
مری آواز کے جنگل میں کھو جاتی
تو اکثر شام ہو جاتی
مگر جب شام گہری ہونے لگتی تھی
ہم اک دوجے کا غم پہنے
گھروں کو لوٹ جاتے تھے
ہماری حیرتوں نے جب
حقیقت کے کنارے چھو لیے تو
ہم پُرانے رابطوں سے کٹ گئے تھے
ہم نئی تصویر کی تقدیر بننا چاہتے تھے
جو کبھی ٹوٹے نہ وہ
زنجیر بننا چاہتے تھے
مگر پھر حادثوں کا دور تھا
ہم جسے جو سوچتے تھے
وہ تو بالکل وہ نہ تھا
کچھ اور تھا
ہوا کہتی ہے اب تم
آسماں کی وسعتوں میں کھو گئی ہو
غم کی دُنیا سے پرے
اس پار کے جنگل میں
مشکل بھول کر اب سو گئی ہو
شام کے بڑھتے ہوئے سائے نے
میرا درد سن کر کہہ دیا ہے
اسے مسافر ہوش کر
تصویر کے سائے سے ڈر
اب محبت کے حوالوں سے مہکتی زندگی
اک خواب ہے
٭٭٭
دُعائیں راستہ بھولی ہوئی ہیں
جنازے آ رہے ہیں تتلیوں کے
ہوا میں آکسیجن کی کمی ہے
لہو میں موت کی آوارگی ہے
سوالوں کی قطاریں لگ گئی ہیں
جوابوں کی زمینیں سو رہی ہیں
مسافر تھک گئے اور سو گئے ہیں
منازل دور ہوتی جا رہی ہیں
سبھی کردار پاگل ہو گئے ہیں
کہانی خود مکمل ہو رہی ہے
٭٭٭
زندگی گزرے ہوئے کچھ موسموں کی قید میں ہے
جدائی کے دھوئیں کے بادلوں کے سائے سائے
دائرہ در دائرہ چلتی ہوئی یہ زندگی
گزرے ہوئے کچھ موسموں کی قید میں ہے
وہ موسم جن میں تم نے
اک امر سمبندھ کی خواہش کو
(بدن اور روح کی دیوار کے اس پار تک
ہوتی ہوئی رنگوں کی بارش میں )
مرے دل میں اُتارا تھا
*تمہیں اپنے شکستہ آئینے کے واسطے
ایسی نگاہوں کی ضرورت تھی
جو میرے پاس تھیں
اور
آئینہ سازی کی ماہر تھیں
مری صدیوں سے گھائل زندگی کو بھی
کسی کی مہرباں آنکھوں سے بہنے کی تمنا تھی
مرے ہمراہ تم نے
خوبصورت زندگی کے خواب دیکھے تھے
مگر یہ کیا ہوا کہ
خواب کی تعبیر کی تعمیر سے پہلے ہی
تم...........................
جدائی کے دھوئیں کے بادلوں کے سائے سائے
..........................
٭٭٭
شام کے ہاتھوں میں وہ تھی اور اُس کے ہاتھوں میں چراغ
وہ مسکراتی تو اُس کے ہونٹوں سے
روشنی کے اشارے گرتے
مری انا کے کنارے گرتے
وہ بولتی تو مری سماعت کے سات سُر
دل کی شوخ دھڑکن پہ رقص کرتے
وہ دیکھتی تو
مری بصارت کی سبز جھیلوں میں
اُس کی آنکھوں کے پھول کھلتے
وہ میری یادوں کے کینوس پر بکھر رہی تھی
چراغ لے کر
وہ میرے دل میں اُتر رہی تھی
٭٭٭
ہوا جانتی ہے
کہ تاریخ کے کس کنارے پہ کس نے
اُسے آندھیوں کی غلامی میں رکھا
اُسے یہ خبر ہے
کہ معصوم مظلوم لوگوں کے مجرم کہاں سو رہے ہیں
ہوا بوڑھیوں کی طرح
گزرے وقتوں کی بابت بہت جانتی ہے
کہ اس نے سمے اور تہذیب کے
سارے رنگین ، تاریک موڑ
اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں
ہوا راستوں میں بچھڑ جانے والوں کے
جسموں کا ، روحوں کا غم جانتی ہے
ہوا زرد پتوں کے ماضی سے بھی باخبر ہے
ہوا کو خبر ہے
کہ اس کا سفر روکنے والے لوگوں کی
قسمت فنا ہے ٭٭٭
نہیں....تو .....لوٹ جاؤ
زبانوں اور تہذیبوں کے جنگل میں پلی او ساحرہ!
بھٹکے ہوئے یونان کی متھ ہو؟
کہ آنے والے آوارہ زمانے کی علامت ہو
کبھی میں سوچتا ہوں
میں ہر اک منظر سے نظمیں کھینچنے والا
سمندر آشنا آنکھوں سے دُنیا دیکھنے والا
تمہیں تحریر کی دُنیا میں اپنا ہمسفر کر لوں
مجھے معلوم ہے
تمہیں تسخیر کرنے کی مری خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی
مگر اس کے کنارے
چند شاموں کی رفاقت کے اشارے مانگتے ہیں
یہ تم جو شہر کی سڑکوں پہ
آوارہ نظاروں کی صدائیں سن رہی ہو
کیوں نئے غم چن رہی ہو
تمہاری زندگی کا خوبصورت آئینہ
اک اجنبی دھرتی پہ ٹوٹا تھا
تم اس کی کرچیاں
اس شہر میں کیوں ڈھونڈتی ہو
میں سولہ سال پہلے کی
تمہاری زندگی کے سارے رنگوں کو اُجڑتا دیکھتا ہوں
اور نظمیں سوچتا ہوں
وہ عورت جس کو
صدیوں پہلے تم نے
اجنبی بے رحم ہاتھوں کے حوالے کر دیا تھا
اپنے چہرے پر
شکست و ریخت کی اک داستاں لے کر
نئے امکان لے کر
تمہاری اک نظر کی منتظر ہے
تمہارے جسم اور پھر روح پر
میرے سفر کی کوئی تختی ہے تو بتلاؤ
نہیں تو لوٹ جاؤ
٭٭٭
یہ جو تنہائی ہے
اک نئی بے بسی
اک نئی زندگی
کچھ نئی حیرتیں
عشق کی راہ پر اک نیا ہجر ہے
یہ جو تنہائی ہے
میرے فنکار کو
دل کے بیمار کو
حرف کے شہر میں پھر گھماتی رہی
چند غزلیں نئی چند نظمیں نئی
میری آواز پر مسکراتی رہیں
پاس آتی رہیں
جن کے رنگوں کو میں
سوچ کے ہاتھ سے
٭٭٭
AN ADVICE
دل کی دیوار پر نقش کرتا رہا
یہ جو تنہائی ہے
اس سے رشتہ مرا ٹوٹ سکتا نہیں
اس سے دامن مرا چھوٹ سکتا نہیں
اس کی مسکان میں میری مسکان ہے
اس کی آواز میں میری آواز ہے
میں جو حیران ہوں یہ بھی حیران ہے
صحن امکان میں
چشم ویران میں
اس کی پہنائی ہے
یہ جو تنہائی ہے
٭٭٭
خود کلامی
تمہیں میں گاؤں میں
اک یاد کے ملبے پہ روتا چھوڑ آیا تھا
مگر تم شہر کے اک پوش ریستوران میں
تازہ رفاقت کا کنارہ ڈھونڈتے مجھ کو ملے
تمہیں میں
خواب سے تعبیر تک کی داستاں میں غرق
ساگر جیسی اک لڑکی کے ساحل پر
اکیلا چھوڑ آیا تھا
میں آوارہ زمینوں سے
تمہاری سوچ کا ہر ایک ناتا توڑ آیا تھا
مگر تم بے لباسی اوڑھ کر
اک رقص میں ڈوبی ہوئی محفل میں
بے خود قہقہے چنتے ہوئے مجھ کو ملے
ابھی میں تم کو
جسموں سے علیحدہ کر کے
روحانی سفر پر بھیجنے کی ایک سازش کر رہا تھا
اور تم پھر آ گئے ہو
٭٭٭
رات کے پل کے ادھر
دف بجاتی ہوئی اس شام کے سائے سائے
رات کے پل سے اِدھر آج درخشاں ہے بہت
روح تک پھیلی ہوئی شوخ بدن کی بانہیں
پیاس سے ہاتھ ملاتا ہوا لمبا دریا
نیلی باتوں میں سمٹتی ہوئی کالی دوری
وصل کے رنگ میں ڈوبی ہوئی گہری آنکھیں
وقت نے میری حقیقت کو سجا رکھا ہے
رات کے پل سے اُدھر ہجر کا دلدل ہوگا
سوچ کے شہر میں اک قہر سا برپا ہوگا
دور تک پھیلا ہوا خوف کا جنگل ہوگا
٭٭٭
آؤ انجام سے پہلے ہی کنارا کر لیں
تم کہ تکلیف کی آہٹ سے بھی ڈر جاتی ہو
میں کہ ہر طرح کی مشکل سے گزر جاتا ہوں
زندگی بھر کی سزاؤں سے اگر بچنا ہے
اپنے احباب کی آنکھوں میں بھی رہنا ہے تو
آؤ انجام سے پہلے ہی کنارا کر لیں
تم کسی اور کی آواز کا چہرہ ڈھونڈو
میں کسی اور کی تحریر سے باتیں کر لوں
٭٭٭
پھر وہی درد بھری رات چلی آئی ہے
پھر وہی درد بھری رات چلی آئی ہے
ناں کوئی خواب نہ تعبیر کی آہٹ کوئی
اپنے فردا سے ہراساں ہے مری نیند کا جسم
میری آواز میں آنے لگی سانسوں کی تھکن
اپنے ہونے سے بھی بیزار ہے میری خواہش
کس کو فرصت ہے میری روح کے آزار سنے
دل کے ایوان سے رونے کی صدا آئی ہے
دور تک پھیلی ہوئی شام کی تنہائی ہے
٭٭٭
یہی رقص ہے
کوئی سر کسی کو پکار کر
یہاں رُک گیا
کوئی سایہ جسم کو ہار کر
یہاں رُک گیا
کوئی نیند خواب کی آرزو میں بھٹک گئی
تو مری نظر سے لپٹ گئی
کوئی خواب نیند کی آرزو میں بکھر گیا
تو یہاں پہ آ کے سنور گیا
کوئی گیت خون کی وادیوں میں نہا گیا
تو مری پناہوں میں آ گیا
کہیں خوف حسن پہ چھا گیا
تو مجھے فسانہ سنا گیا
کہیں قتل حسن نظر ہوا
تو میں اس کو بھی معتبر ہوا
او صدائے رشتہ فروش سن
کہاں کھو گئے ترے ہوش سن
تجھے کیا خبر
تجھے کیا خبر میں پناہِ عرض زوال ہوں
مجھے زندگی کا خیال ہے
مجھے آدمی کا خیال ہے
مری چشم مضطر کے جال پر
یہ جو حادثات کا عکس ہے
یہی رقص ہے
٭٭٭
تعاقب کے جنگل میں
ہزاروں برس سے
میرا دل
تعاقب کے جنگل میں
دیوانگی کی سزا سہہ رہا ہے
جہاں بھی سمے کی ہوا نے
محبت کے مقتول موسم کا لاشہ اٹھایا
سوالوں کی آنکھوں سے آنسو گرے
اور جوابوں نے اپنی نظر پھیر لی
میں نے تم کو پکارا
یہ تہذیب جب بھی
اصولوں کی ترکیب تبدیل کرنے لگی
اور زبانوں کے ملبوس اترنے لگے
میرے دکھ کو تمہاری ضرورت پڑی
خواب در خواب
آسانیاں ڈھونڈنے کی تمنا میں
سرگرداں نیندیں اجڑتی رہیں
زندگی کے مسائل بدلتے رہے
شہر آزار میں
میرے ہمراہ تم تھی
مگر تم نہ تھی
کل برس ہا برس بعد
مہکی ہوئی تیری آواز نے
میری پیاسی سماعت کے لب چوم کر
میری گھائل بصارت کا دکھ تھام کر
میرے دل کو
ازل سے ابد تک کے
سارے فسانے کی تفہیم کی ایک تحریک دی ہے
مری زندگی!
میری شیریں
مری جولیٹ
شہر کے کس محلے گلی میں
مرے آنسوؤں کی صدا سن رہی ہو
میں فرہاد
وامق
ترا رومیو، تیرا ابرار
تم سے
ملاقات کا منتظر ہوں
٭٭٭
اے محبت کے خدا
یہ تو بتا
یہ آنسوؤں آہوں میں ڈوبی زندگی
کب شانتی کے قہقہوں کا رنگ پہنے گی
ہمارے خواب کب تک
ریشمی تعبیر کے لمحوں کو ترسیں گے
ہمارے خوف کب تک دور ہوں گے
اور بقا کی جنگ میں
ہم کب تلک مجبور ہوں گے
اور
وہ بادل
ہماریپیاس کی ماری ہوئی دھرتی پہ
کب برسیں گے
جن سے خوشبوئیں تصویر ہوں گی
اے محبت کے خدا
پردہ اُٹھا
ہم کو دکھا وہ بستیاں
جن کی ہواؤں میں
ہمارے نام کی ہوں تختیاں
٭٭٭
LOGIC
ایوانوں میں رقص ہو رہے ہوں
کوٹھوں پر بچے رو رہے ہوں
امیر شہر طلسمات میں پل رہا ہو
غریب شہر درد میں گھل رہا ہو
ہنر کشکول لیے نااہلی سے بھیک مانگے
خشک ویران زمینوں پر چاہت کے پھول کھلیں
تتلیوں کے پر جلیں
اس طرح راز کھلیں
خوش گلو مغنّی گاتا رہے اور ناچتا رہے
اپنی جنت میں بیٹھا قصیدے سنتا رہے
چند فرض شناس غلام جھک کر سلام کریں
اور دوسرے ان کی پیٹھ پر کوڑے برسائیں
حیات شہر سے جنگلوں کی طرف بھاگے
چاند پر برائی کا الزام لگے
سچ کا شملہ ہمیشہ کے لیے جھک جائے
غنچے چٹکتے ہی بکھر جائیں
ظلم کے انداز سنور جائیں
آندھیاں لوگوں کے گھروں میں
پناہ لینے کے بہانے جائیں
ان کے دلوں میں داخل ہوں
اور خواہشوں کے سب پودوں کو اُکھیڑ دیں
دماغ مر جائیں اور جسم گھومتے رہیں
سراب پانی کے سمندروں میں بدل جائیں
راہی اپنی خواہشوں کا بوجھ لیے ایسے ڈوبیں کہ پھر نہ نکلیں
لوگ اپنے زخموں کو خود نوچیں اور قہقہے لگائیں
اپنے ہاتھوں کی دہکتی آگ میں جھلسائیں پھر غصے میں آئیں
اور آنسوؤں سے آگ بجھائیں
بینائی والے اپنی آنکھیں نکال کر
اندھوں کے آگے پھینک دیں
اندھے آنکھوں کو ہاتھ لگانے سے ڈریں
اور لینے سے انکار کریں
ہوا چہرے پر بادِ صبا کا کتبہ سجائے
پھولوں کو تہس نہس کر دے
اور آندھیوں سے جا کر کہے
غلام نے کام کر دیا
برائی کا احتساب ہو
اور جرم ثابت ہونے پر اس کو سزا دی جائے
کہ وہ اپنے ہاتھوں سے رہی سہی نیکی کو بھی قتل کر دے
ظلم کی طلب ماری آنکھ کے آگے معصوم ایسے رکھے جائیں
کہ سب کے سب چکھے جائیں
کچھ لوگ روشنی کی رفتار سے گھومیں
باقی نظریۂ اضافیت کی نذر ہو جائیں
بوسیدہ مکانوں کے مکینوں کے تھوکے ہوئے لہو سے
اُگل دانوں میں آگ بھڑکے
اتنی پھیلے کہ ایوان بھی بھسم ہو جائیں
قحط سالی کا ایسا دور آئے
کہ امیر کے اناج کے خزانے بھی ختم ہو جائیں
ایسے میں آسمان سے کوئی مخلوق اُترے
اور سب زمینی کیڑوں کو کھا جائے
٭٭٭
جنگ ابھی تک جاری ہے
اور سرحد کے اُس پار
کتنی مائیں اپنے بیٹوں کی لاشوں کو
قبروں میں دفنا کر
گھر تک آ پہنچی ہیں
بارود کے گہرے بادل اب تک
خوف کا آنچل بن کر
فطرت کو جھنجھوڑ رہے ہیں
پھو ل سے بچے ماؤں کی آغوش میں رکھ کر سر
موت کی آہٹ سونگھ رہے ہیں
جنگ ابھی تک جاری ہے
اور سرحد کے اِس پار
پھول اُگلتی وادی میں
اب زرد لبوں کی آہیں ہیں
اک محبوبہ اپنے عاشق کے شانوں پر رکھ کر سر
مارے خوف کے سمٹ رہی ہے
توپوں کی آواز میں اس کی نظر
فلک پہ اُڑتے موت اُگلتے ایک پرندے پر پڑتی ہے
انساں اور انساں کے بیچ
جنگ ابھی تک جاری ہے
٭٭٭
DIFFERENCE PREVAILS
کہیں دست و گریباں ہیں امیرانِ وطن میرے
اکٹھے بیٹھے روتے ہیں کہیں پر ہمنوا میرے
کہیں سرکش سے جذبے ہیں جہاں چاہیں برس جائیں
کہیں معصوم خواہش خانماں برباد بیٹھی ہے
کہیں پر حسن آدم نوحہ گر تاریکیوں میں ہے
کہیں زہرہ جبینوں کی ادا سے قصر ہلتے ہیں
کہیں اندیشۂ فردا مسیحائی کا طالب ہے
کہیں پر مستقل تنہائیاں دامن میں خنداں ہیں
٭٭٭
ایسی ویسی خبروں کا دُکھ سہتے ہیں بارہ مہینے ہم تشویش میں رہتے ہیں
تم سن لو تو شاید پاگل ہو جاؤ ہم ہی ہیں جو ایسی باتیں سہتے ہیں
جن لوگوں نے یہ دیوار اُٹھائی ہے وہ دیوار کی دوسری جانب رہتے ہیں
خواہش آہٹ ہے گھمبیر اُداسی کی دیوانے یہ کہتے ہیں سچ کہتے ہیں
جن لوگوں کو ماں کا پیار نہیں ملتا ساری عمر وہ ٹوٹے پھوٹے رہتے ہیں ٭٭٭
ابھی ساز ساز اُداس ہے
وہی غم میں ڈوبی صدائیں ہیں
وہی درد ہجر جمال ہے
وہی ظلم و جبر ہے موجزن
وہی باغیانہ خیال ہے
کسی نئے سفر کا گماں نہیں
ابھی عکس سفر خیال ہے
ابھی زندگی کا سوال ہے
ابھی موت ہی کی دھمال ہے
٭٭٭
نظر رو رہی ہے سفر تھک گیا ڈبوتے ڈبوتے بھنور تھک گیا
حوادث سے پہلے خبر تھک گئی قیامت سے پہلے نگر تھک گیا
ثمر کو کہاں تک جھلائے گی شاخ ہوا تھک گئی ہے شجر تھک گیا
مبارک تمہیں حوصلے کی شکست مرا صبر سارا ادھر تھک گیا
اندھیروں سے پہلے ہوا گل چراغ اُجالوں سے پہلے سفر تھک گیا
مرے ساتھ چلتا رہا جو سدا وہ بدلا نہیں ہے مگر تھک گیا
ڈرائے مجھے روشنی کی صدا مری ہر دُعا کا اثر تھک گیا ٭٭٭
اُداس آئینے کو ٹوٹنا گوارا تھا
چھپا کر چاند کو اپنی حسیں آنکھوں میں
دبے سے لہجے میں اس نے ہمارا ذکر کیا
سراب خیز تھے اس کی نظر کے سائے عمر
اُداس آئینے کو ٹوٹنا گوارا تھا
٭٭٭
صبا کو شوخ سالی میں کلی کی ہر ادا چاہے
جوانی اپنے سائے میں خود اپنی ہی سزا چاہے
لہو میں دوڑتی ہے زندگی لے کر پیامِ موت
ہمیں تیار رہنا ہے یہ دھڑکن کی صدا چاہے
جہاں بھی ہم کو ملنا ہو ہمیشہ ساتھ رہتی ہے
ہماری بات اوروں کو سنانا یہ ہوا چاہے
٭٭٭
مجھے اُڑنے کی خواہش اور سفر کا حوصلہ دے گا
پھر اس کے بعد میرے پر ، مری آنکھیں جلا دے گا
مجھے معلوم ہے میری صدا کی عمر کتنی ہے
''کسی کو بھول جاؤں گا کوئی مجھ کو بھلا دے گا''
گھنے اشجار میں بہتی ہوئی ندی کے سائے میں
میں اس کو اوڑھ لوں گا اور وہ مجھ کو سُلا دے گا
٭٭٭
تمہاری یاد سے لپٹا ہوا ایک اور دن
ابھی شام پھیل جائے گی
اور میں اپنی کھڑکی سے
یوکلپٹس کے درختوں کو دیکھنا بند کر دوں گا
ہوا سارا دن ان پر کوڑے برساتی رہی ہے
......................................
آج رات نجانے کون سا Nightmare
مجھے جگائے گا
٭٭٭
دل کو پھر یاد وہی لوگ پُرانے آئے چشمِ مضطر کو بھی رونے کے بہانے آئے
میں نے راتوں کو کئی بار یہ سپنا دیکھا
میرے گھر کو ہیں کئی لوگ جلانے آئے
میں کہ تیار تھا صدیوں کی رفاقت کے لیے وہ کہ آغاز کو انجام بنانے آئے
ہم بھی بازار میں لے آئے ہیں دل کی باتیں
زندگی بھر کے خزانے کو لٹانے آئے
٭٭٭
چاند گرہن
خوف کے شہر میں
موت کی گرد سے زندگی سرد ہے
فاصلوں سے محبت کے انجام میں
روشنی زرد ہے
رات کالے سمندر کے نزدیک ہے
چاند تاریک ہے
٭٭٭
ہائیکو
خواب ، خواب ہوتے ہیں ڈائری کے ورقوں پر ناچتی ہے تنہائی ٭٭٭
*MUDDY'Sمیں بیٹھ کر
اب کی بار میں گاؤں گیا
تو گاؤں کا آخری کچا مکان بھی
ختم ہو چکا ہوگا
ماسی فقیراں کا ''لبھا''
اسے شہر لے گیا ہوگا
گاؤں کی سنڈریلا ''پارو''کو
بالآخر کسی مرد پر
قربان کر دیا گیا ہوگا
اب کی بار میں گاؤں گیا تو
قبرستان کے قریب
جامن کے درخت کے نیچے بیٹھ کر
بچھڑنے والوں کی یاد میں اتنا روؤں گا
کہ میری آنکھیں خشک ہو جائیں
اب کی بار میں گاؤں گیا تو
شہر کو شہر میں چھوڑ کر جاؤں گا
گاؤں کا بیٹا بن کر
٭٭٭
بات بنانے نکلے تھے پر بات بنانا مشکل ہے
پھول اُگانے کے موسم میں پھول اُگانا مشکل ہے
بھولی بسری چاہت کی تصویر کے اب ٹکڑے کر دو
صدیوں پہلے کی باتوں پر نیر بہانا مشکل ہے
جھیل کنارا ، درد کا دھارا ، چاند سہارا ہے ورنہ
گہرے پانی کا دل توڑ کے واپس جانا مشکل ہے
اندھے رستے پاگل آنکھیں ساتھی خواب شراروں سے
صحرا کا دُکھ بانٹنے والو گھر کو جانا مشکل ہے
٭٭٭
وہ میری آنکھ کے صحرا میں گھر بنائے تو
میں اس کی زلف کے بادل سے بھیگ جاؤں گا
گماں کی آگ میں جلتا رہا ہوں صدیوں سے
یقین خوف کی رُت میں کبھی نہیں پلتا
پھر ایک مسئلہ درپیش ہے بصارت کو بچھڑ گیا ہے کوئی لمحہ زندگی جیسا
تمام رات کسی حادثے کا غم تھا مجھے سسکتا خواب تھا نوحہ مری اُمیدوں کا
وہ اعتراف بھی کر لے اگر خطاؤں کا گزر گیا ہے جو لمحہ وہ آ نہیں سکتا
حصارِ ذات سے باہر بھی اک حصار ملا گری جو دھوپ کی دیوار تو زمانہ تھا
سوال ناچتے رہتے ہیں میری آنکھوں میں
وہ مجھ سے کھیلتا رہتا ہے روشنی کی طرح
کسی بھی طور سہی مجھ کو بھول جانا تم
یہ بات اس نے کہی اور مجھ کو چھوڑ گیا
میں اضطراب کے اس موڑ سے بھی گزرا ہوں
جہاں خیال چٹختا ہے آئینے کی طرح
٭٭٭
سمٹ رہا تھا کوئی رات اور بادل تھے*
یہی قرار تھے جو اس گھڑی کا حاصل تھے
ہمارے بعد بھی محفل میں دم رہا تھا کل
ہمارے بعد بھی کچھ لوگ جانِ محفل تھے
جو شام شام کو نکلے وہ بال بال بچے
پھر اس کے بعد جو نکلے وہ سخت گھائل تھے
وہ جن کے جانے پہ آنکھیں تمہاری روتی ہیں
تمہارے لوٹنے والوں میں وہ بھی شامل تھے
تری عنایتیں اب بھی مری ضرورت ہیں
تجھے پکارتے ہیں آج ، کل بھی سائل تھے
٭٭٭
اندھیری رات کے ستارو !
اندھیری رات کے ستارو !
اتنی روشنی کرو
کہ چاند کا غرور
خاک میں مل جائے
٭٭٭
روشنی تیری راہ دیکھے گی زندگی تم سے پیار مانگے گی
اک ذرا انتظار کر لے تُو ہر خوشی تیرا ساتھ چاہے گی
بے وجہ آنکھ یہ نہیں روتی اک کرن آرزو کی پھوٹے گی
سبز موسم کی رُت جب آئے گی راز دھرتی کے سارے کھولے گی
دل کی باتیں عجیب باتیں ہیں میں بھی کہہ دوں گا وہ بھی کہہ دے گی
وقت بدلے گا لوگ بدلیں گے میں بھی بدلوں گا وہ بھی بدلے گی ٭٭٭
تمہاری خواہش ہے
تمہاری خواہش ہے
کہ میں تمہارے ساتھ ہونے والی باتوں سے
تمہارے ہونٹوں اور آنکھوں کا تصور چرا کر
ضرورت کے بے شمار اوراق پر
محبت کا روحانی اور جسمانی فلسفہ نقش کر دوں
میں تمہیں بتانا چاہتا ہوں
کہ میرے پاس تمہارے ہونٹوں اور آنکھوں کا تصور بھی ہے
رنگ برنگے لفظ بھی ہیں
ضرورت کے بے شمار اوراق بھی ہیں
اور بے پناہ محبت بھی ہے
مگر میں ڈرتا ہوں........
مری سوچ کی الماری میں
کتنے خوابوں کے پرندوں کے ٹوٹے ہوئے پر ہیں
جن کو میں نے
کسی کی ویران نیندیں سجانے کے بھیجا تھا
اور جو کبھی لوٹ کر نہیں آئے تھے
تعاقب پر
مجھے صرف ان کے پر ملے تھے
کتنی مَری ہوئی تتلیاں ہیں
جن کو میں نے محبت کے سفر پر
کسی کے ہونٹ چھونے کے لیے بھیجا تھا
مگر ان کو مار دیا گیا
احتجاج پر مجھے کچھ مقتول جسم مل سکے
کتنے گھائل گیت ہیں
جو کسی کی ظالم سماعت کی بے اعتنائی کی نذر ہو کر
مرتی ہوئی سانسوں کے ساتھ
میرے پاس پہنچے
میں ڈرتا ہوں کہ کہیں تم بھی.........
کہیں تم بھی مجھے عارضی سہارا سمجھ کر
کسی اور کی منزل نہ ہو جاؤ
تم میرے ڈر کے اندھیرے کو
اپنے اعتماد اور اعتبار کی روشنی سے ختم کرو
تو پھر دیکھنا
تو پھر دیکھنا تمہارے ہونٹوں پر
علامتوں اور استعاروں کے کتنے شیڈ اُبھریں گے
تمہارے گالوں کے آفاق پر
میرے شعروں کے کتنے چاند چمکیں گے
تمہاری کلائیوں میں
میری غزلوں کے کتنے گجرے مہکیں گے
میری نظموں کی بالیاں
تمہارے کانوں سے لپٹی رہیں گی
میرے گیتوں کے ہار
تمہارے دل سے ٹکراتے رہیں گے
اور زندگی!
زندگی صرف محبت گا رہی ہوگی
٭٭٭
اگر انتظار کے پھول مر گئے تو
تمہی وہ چہرہ ہو
جس پہ میں نے
چوبیس سال کی بے چینیاں اور محرومیاں تحریر کی تھیں
میں اپنے اور تمہارے تعلق میں
جرم کا مرتکب ضرور ہوا ہوں
مگر میں کب سے
تمہارے اختیار کی دہلیز پر کھڑا معافی کا منتظر ہوں
میری محبت کا سر
تمہاری محبت کے سامنے جھکا ہوا ہے
تم اپنی جنت کو چھوڑ کر
ایک مہیب جنگل میں بھٹک گئی ہو
یہ وہی جنگل ہے
جہاں سے تمہیں نکالنے کے لیے
میں نے صدیوں پہلے
ہزار دلدل پار کیے تھے
تمہیں معلوم ہے
زندگی کے بارے میں میری Definition
آج بھی وہی ہے جو کل تھی
تم لوٹ آؤ
اگر انتظار کے پھول مر گئے تو
انہیں کوئی موسم زندہ نہیں کر سکے گا
٭٭٭
CRIME
جب تک میں تمہارے مسئلے کا حل رہا
یا تم مجھے حل سمجھتی رہی
تم مجھے اپنی محبت کہتی رہی
اور جب اس حل کے عمل نے
مجھے تمہارے ساتھ
محبت میں گرفتار کر دیا
تم مجھے چھوڑ گئی
تمہارا جرم یہ ہے
کہ تم نے
اپنے سطحی مقاصد کے حصول کے لیے
محبت کے وسیع و عریض اور بہت گہرے لفظ کا
غلط استعمال کیا
تم نے اپنے عامیانہ پن کی تسکین کے لیے
دوسرے کو قتل کرنے سے بھی
گریز نہ کیا
٭٭٭
مجھے معلوم ہے
اپنے لفظوں میں
میں نے اُس کی باتوں کے ساتھ ساتھ
اُس کے ہونٹوں
اُس کی آنکھوں
اور اُس کے ہاتھوں کی
Movementsکو بھی Translate کیا ہے
مجھے معلوم ہے
خوبصورت شاعری کیسے کی جاتی ہے
٭٭٭
آخری رات کے بازو پھیل رہے تھے
لہن کے بال آسمان کے ساتھ بندھے ہوئے تھے
اور پاؤں زمین سے
اُس کے دونوں ہاتھ
Northاور South
Polesسے جکڑے ہوئے تھے
Tubelightسے وعدے کے پتنگے
مر مر کر بیڈ پر گر رہے تھے
Hangersمجبور ملبوسات سُکھارہے تھے
الماری میں موجود Cosmeticsکی Smell
کمرے سے آکسیجن کو بھگا رہی تھی
Bed-SheetsاورCurtains
حادثے میں شریک ہونے سے انکار کر رہے تھے
تنہائی پنکھے سے
ایک سٹول اور کپڑے کا ایک ٹکڑا مانگ رہی تھی
نیا بندھن پُرانے بندھن کو
قتل کر کے بنایا گیا تھا
باہر شادیانوں اور شامیانوں کے سائے سائے
آخری رات کے بازو پھیل رہے تھے
٭٭٭
VALENTINE DAY
آؤ اپنا بچپن
اپنی جوانی
اپنا ماضی اپنا حال
اپنے دُکھ اپنی خوشیاں
اپنی نیندیں ، جو سو چکے ہیں
سفر جو کر چکے ہیں
اپنی Achievements
اپنےLosses
ایک دوسرے کی سماعت میں اُتار کر
مستقبل میں جھانکتے ہیں
٭٭٭
ایک وعدے پر لکھی ہوئی نظم
مجھے یاد ہے
میں نے کہا تھا
''لوگوں سے کہو اپنی آنکھیں بند کر لیں
اور درختوں سے کہو اپنی آنکھیں کھول لیں
پھر میں تمہیں غور سے دیکھوں گا''
تم نے لوگوں اور درختوں سے کچھ نہیں کہا تھا
مگر میں نے
تمہیں غور سے دیکھ لیا تھا
پھر میں نے تمہیں کہا تھا
''X4+64 کو Factorize کرو''
میں تمہاری آواز کو قید کرنا چاہتا تھا
تم کافی دیر تک ہنستی رہی
میں نے تمہاری آواز کو قید کر لیا تھا
مجھے یہ بھی یاد ہے
میں نے کہا تھا
میں اس سب کچھ پر
ایک نظم لکھ دوں گا
٭٭٭
شاخوں میں اڑی دھوپ ہے اے ظل الہی اک دھو ل پڑی دھوپ ہے اے ظل الہی
آنکھوں میں اندھیروں کے سو ا کچھ بھی نہیں ہے
شیشوں میں جڑی دھوپ ہے اے ظل الہی
یا ایک سیاہ رات مقدر ہے ہمارا یا سوکھی سڑی دھوپ ہے اے ظل الہی
سر سبز درختوں کو کٹا دیجیے لیکن رستوں میں بڑی دھوپ ہے اے ظل الہی
یہ حرف شکایت ہے نہ یہ جائے شکایت دو چار گھڑی دھوپ ہے اے ظل الہی
بار ش کا کوئی ایک بھی قطرہ نہیں برسا
کمروں میں کھڑی دھوپ ہے اے ظل الہی
٭٭٭
ٍ
ماخذ:
http://www.alqamar.org/poetry/categories/%D8%B4%D8%B9%D8%B1%D8%A7%D8%A1-%DA%A9%DB%8C-%D9%81%DB%81%D8%B1%D8%B3%D8%AA-%D8%AD%D8%B1%D9%88%D9%81-%D8%AA%DB%81%D8%AC%DB%8C-%D8%B3%DB%92/%D8%A7/%DA%88%D8%A7%DA%A9%D9%B9%D8%B1-%D8%A7%D8%A8%D8%B1%D8%A7%D8%B1-%D8%B9%D9%85%D8%B1/?Page=4
تدوین، اور ای بک کی تخلیق: اعجاز عبید
رات سے ہاری آنکھیں
ابرار عمر
نظم/غزل
مجھے معلوم ہے
اپنے لفظوں میں
میں نے اُس کی باتوں کے ساتھ ساتھ
اُس کے ہونٹوں
اُس کی آنکھوں
اور اُس کے ہاتھوں کی
Movementsکو بھی Translate کیا ہے
مجھے معلوم ہے
خوبصورت شاعری کیسے کی جاتی ہے
٭٭٭
روشنی تیری راہ دیکھے گی
زندگی تم سے پیار مانگے گی
اک ذرا انتظار کر لے تُو
ہر خوشی تیرا ساتھ چاہے گی
بے وجہ آنکھ یہ نہیں روتی
اک کرن آرزو کی پھوٹے گی
سبز موسم کی رُت جب آئے گی
راز دھرتی کے سارے کھولے گی
دل کی باتیں عجیب باتیں ہیں
میں بھی کہہ دوں گا وہ بھی کہہ دے گی
وقت بدلے گا لوگ بدلیں گے
میں بھی بدلوں گا وہ بھی بدلے گی
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)