راہی کی سَرگذشت
(خود نوشت سوانح عمری)
غلام مرتضیٰ راہیؔ
مصنّف / ناشر : غلام مرتضی راہیؔ
راہی منزل، پنی، فتح پور(یوپی)
جملہ حقوق محفوظ ہیں
موسمِ اشاعت : ۲۰۰۹ء
ISBN 978-81-8042-131-0
زیر اہتمام
پریم گوپال مِتّل
انتساب
چودھری علی مبارک عثمانی اور صفوت علی صفوتؔ کے نام
’’اِن کو دیکھے مری نظر سے کوئی‘‘
غُلام مُرتَضیٰ راہی ؔ
کہتا ہوں سچ کہ.........
اِس زمانے کے بہت ہی بلند مستند شاعر غلام مرتضیٰ راہیؔ صاحب، جیسے شعر آسان لفظوں میں نہایت ہی گہرے معنی کے ساتھ کہہ جاتے ہیں، ویسے ہی اُن کی خود نوشت پڑھنے کے بعد نظر آیا کہ نثر میں بھی اچھے اسلوب سے بیتی ہوئی باتیں بیان کرنے کی گہری پیٹھ رکھتے ہیں۔ جس مضمون کی طرف بیان فرمانے کا رُخ کرتے ہیں اسے حسین پیرایے میں بیان کرتے ہیں اور اتنی آمد کے ساتھ مضمون کو لفظوں میں باندھتے ہوئے شتافتن کا مصدر گردانتے ہیں کہ لگتا ہے لفظوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور سب اپنی اپنی باری پر بندھنے کے لیے دوڑے چلے آتے ہیں۔ قوتِ بیانیہ کے ساتھ خلوص جُڑا ہوا ہے۔ دل کی گہرائیوں سے خلوص، لفظوں میں بندھا ہوا نکلتا ہے۔ بیان کیے گئے مضمون میں بڑی مٹھاس محسوس ہوتی ہے اور ایسی لذّت کہ جیسے کسی زمانے کے سنڈیلہ کے لڈّو میں کہ اسے کھاتے ہی چلے جاؤ اور جی نہ بھرے، اسی طرح اسے پڑھتے ہی چلے جاؤ اور طبیعت نہ اُوبے اور جی چاہے کہ پڑھتے ہی چلے جاؤ۔
گاؤں سے لے کر شہر تک اور شہر سے شہر کے محلّے تک کے منظر قلم سے کاغذ پر اُتارتے ہیں اور اس زمانے کی تصویر اُتارتے ہیں جب انسانی بلندیاں بخشنے والی تہذیبیں دم توڑ رہی تھیں، طرح طرح کے نفس پرست عقیدوں میں پھنس کر اور ان میں ڈوب کر بھٹکے ہوئے آدمیوں کی بھیڑ جمع ہو چکی تھی جس میں ہر پیٹ کی روزی کے لیے گھر سے نکلا ہوا آدمی کچلا جا رہا تھا اور اس قدر مجبوریاں محسوس کر رہا تھا کہ ایسوں کی ہی مانے بغیر گزارا نہیں اور پھر اس زمانے کے بارے میں ایسا پڑھیے کہ کوئی تال ٹھونکے کھڑا ہے کہ ہم وہی راہ چلیں گے جو ہمارے فرشتہ صفت باپ دادا کی تھی اور ہم وہی طرزِ زِندگی اپنائیں گے جسے تمام پیغمبروں نے زمین پر جینے والوں کو بخشا ہے، تو منھ سے بے ساختہ آفرین صد آفرین نکل جائے گا کہ ایسی کٹھن گھڑیاں گزارنے کی ہمّت وہی جُٹا پائے گا جو خود فرشتہ صفت ہو۔
غلام مرتضیٰ راہیؔ صاحب نے، جیسا کہ میں نے سمجھا ہے، خود کو ستائش اور داد پانے کی تمنّا سے دُور رکھّا۔ سستی شہرت اور نام و نمود پانے کی خواہش میں کبھی منافقوں کی بھیڑ کی طرف نہیں گئے اور گئے بھی تو چلتے پھرتے مسافر کی طرح شائستگی سے کچھ کہہ سُن کر بلند تہذیب رکھنے کی پہچان کرواتے ہوئے نہایت متانت کے ساتھ اپنے خلوت کدہ میں لوٹ آئے کہ معنی کے گہرے سمندر میں غوطہ لگانے کے لیے ایسے ہی استغراق کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آج کے نمائندگان ادب کی طرح بکھرنے کی طرف بڑھ جاتے تو کبھی بھی نہایت گہرے بامعنی شعر نہ کہہ پاتے اور ایسی رسیلی نثر نہ لکھ پاتے۔
محترم کی خود نوشت میں جگہ جگہ بہت کچھ سیکھنے کی باتیں ملیں گی۔ ان کے اپنے حالات بِلا اس خیال کے کہ میں اپنی بڑائی بیان کروں (گواہی کے طور پر کہہ دوں کہ میں نے انھیں ہمیشہ منکسر المزاج پایا ہے ) کاغذ پر اُترے ہیں کہ پڑھنے والے اگر ان کا جی چاہے تو وہ طور طریقے سیکھ لیں جنھیں رکھنے والے آدمیوں کا آسمانوں پر تذکرہ ہوتا ہے اور زمین ان کی وجہ سے خوشبو دار بنتی ہے۔ ایسی معظّم ہستیاں لائقِ صد عزّت ہیں۔ کاش زمانہ ایسوں کی قدر پہچانے۔
خانقاہ موج شاہی شاہ منظور عالم موج شاہی
۶۳/۲۔ دِی مال، کانپور (یو۔ پی)
Truth is Stranger than Fiction
اجداد
راقم کے مورثِ اعلیٰ احمد خان بہادر ساکن دہلی کے دو بیٹوں میں سے بڑے بیٹے محمود خان (حوالدار رسالہ) بحکم شہنشاہ اورنگ زیب عالم گیر ۱۶۵۹ء میں دہلی کا پایۂ سکونت چھوڑ کر کوڑہ جہان آباد اور کھجوا کے بعد موضع کنور پور (ضلع فتح پور) میں مستقل طور سے اقامت گزیں ہوئے تھے۔ یہیں اُن کا روزینہ مقرّر ہوا اور رہائش نیز کاشت کے لیے زمین کے مالکانہ حقوق ملے۔ اِسی عہد سے میرے خاندان کا شجرہ نسلاً بعد نسلٍ مرتّب ہوا۔ مغل شاہراہ (مغل روڈ) آگرہ سے فیروز آباد، شکوہ آباد، کوڑا، جہان آباد، کھجوا، کنور پور اور فتح پور سے گزرتی ہوئی الٰہ آباد کی طرف نکل جاتی ہے۔ کنور پور کے نواح میں کوڑہ جہان آباد اور کھجوا تاریخی حیثیت کی حامل بستیاں ہیں۔ یہاں عہدِ مغلیہ نیز ما قبل کے آثارالصنادید آج بھی شکستہ حالت میں موجود ہیں۔ ضلع فتح پور کے متعدّد قصبات مثلاً کوڑا، ہتھگام وغیرہ کا ذکر بابر نامہ (تزک بابری) میں آیا ہے۔ مغلوں اور نوابین اودھ کے دورِ حکومت میں کوڑہ جہان آباد کو صوبے کی مرکزی حیثیت حاصل تھی، تواریخ اس کی شاہد ہے۔ کھجوا کے قریب ایک خوں ریز جنگ میں اورنگ زیب نے اپنے بھائی شجاعؔ پر فیصلہ کن فتح پائی تھی۔ شجاعؔ نے بھاگ کر پہلے بنگال پھر آسام میں پناہ لی، اس کے بعد اراکان پہنچا جہاں قبائلیوں کے ہاتھوں مارا گیا۔ کھجوا میں ہی ۱۷۱۲ء میں فرّخ سیر اور جہاں دار کے بیٹے عزالدین کے درمیان گھماسان کا رن پڑا تھا، جس میں فرّخ سِیر ظفر یاب ہوا تھا۔
’’کنور پور‘‘ ایک قدیم بستی ہے، یہ کھجوا اور فتح پور کے درمیان مغل روڈ پر واقع ہے، Fatehpur Gazetteer 1885-86 نیز دیگر مورّخین کے مطابق ارگل خاندان کے راجہ گنگ دیو نے کنور پور کو آباد کیا تھا۔ یہاں کے مقبروں، مسجدوں، مندروں، امام باڑوں، تالابوں، کربلا، سرائے اور قدیم مکانوں کے مٹتے ہوئے آثار کنور پور کی قدامت اور تاریخی حیثیت کے گواہ ہیں۔ مذکورہ Gazetteer کے مطابق اٹھارویں صدی کے اوائل میں کسی شکلا برہمن نے یہاں ایک پختہ اور وسیع تالاب بنوایا تھا، جو بگڑی ہوئی حالت میں موجود ہے۔ علاوہ بریں شیخ کلّو فقیر نے ۱۸۲۵ء تا ۱۸۵۰ء کے دوران کنور پور میں اسلامی طرز کی عمارات مثلاً کربلا، مسجد، امام باڑہ اور زائرین کے لیے آرام گاہیں تعمیر کروائی تھیں۔ ان میں دو ایک کو چھوڑ کر باقی کھنڈر میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ ’’کنور پور‘‘ میں ۱۸۵۷ء کی پہلی جنگ آزادی میں متعدد انگریز افسران اور سپاہی مارے گئے تھے۔ یہاں مغل روڈ پر "Kunvarpur Monument" کے نام کے ایک بڑے پتھر کا Board نصب تھا (اب اُکھڑ چکا ہے ) یہیں پر ۱۸۵۷ء کے معرکہ میں کام آئے انگریزوں کا قبرستان ہے، جو ’’گوروں کا قبرستان‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ۱۹۷۰ء تک میں نے اس قبرستان کو اچھّی حالت میں دیکھا ہے۔ ایک چھوٹے سے مقبرہ میں سیاہ سنگِ مرمر کا مُندرجہ ذیل کتبہ نصب تھا۔
"Sacred to the memory of Thomas Sidney Powell, Colonel 53rd Regiment, Who fell gloriously in the moment of Victory, Commanding Her Majesty's Force, at the action Khajowa near Fatehpur, 1st November,1857 Erected the officers of the regiment"
مقبرہ کے عقب میں ایک قبر کے سرہانے ٹین (Tin) کی ایک دبیز پلیٹ کا یہ کتبہ لگا ہوا تھا۔
"To the memory of private Thomas Richards, Her Majesty's 5th. Fusiliers, died on 12th. July, 1858."
مُندرجہ بالا کتبے، فتح پور کے ۸۶۔ ۱۸۸۵ ء کے مجسٹریٹ نیز کلکٹر ایف۔ ایس۔ گراؤز (F.S. Growse, C.I.E.) کے "Supplement to the Fatehpur Gazetteer" میں من و عن درج ہیں۔ انگریزوں کا محولہ بالا قبرستان تقریباً پوری طرح ہموار ہو چکا ہے۔ کنور پور کے بزرگ ’’گوروں کے قبرستان‘‘ کے نام سے اسے آج بھی یاد کرتے ہیں۔
کنور پور کی مسجد مخنّث (ہیجڑوں کی مسجد) کو اٹھارویں صدی کے پہلے دہے میں ریاست کھجوا کے امیر، ’’میاں بہار خواجہ‘‘ نے تعمیر کرایا تھا۔ مسجد سے مُلحق وسیع تالاب، کنواں، باغ وغیرہ کی مرمّت اور دیکھ بھال کے لیے ’’ میاں بہار خواجہ‘‘ نے کنور پور کے مخنّثوں کی انتظامیہ کو جاگیریں مختص کی تھیں۔ اس زمانے کے مخنّث اربابِ اختیار تھے اور کنور پور میں ان کا طوطی بولتا تھا۔ آزادی کے بعد آہستہ آہستہ آمدنی کے ذرائع مفقود ہو جانے سے یہاں کے تمامی مخنّث گھر جائداد بیچ کر نقل مکانی کر گئے۔ محکمۂ آثار قدیمہ کی توجّہ اس ’’مسجد مخنّث‘‘ کی جانب مبذول نہیں ہو رہی ہے اور ایشیا کی (غالباً) واحد تاریخی نیز قدیم ’’مسجد مخنّث‘‘ تیزی سے امتدادِ زمانہ کی شکار ہوتی جا رہی ہے۔
پردادا
راقم کے جدِّ اعلیٰ (پردادا) میکن خاں غوری ساکن کنور پور(پیدائش ۱۷! اپریل ۱۸۰۷ء / متوفّی ۳۰! اپریل ۱۹۰۴ء) بڑے دلیر اور جاں باز شخص تھے۔ میرے دادا محمد رمضان خاں غوری نے اپنی خود نوشت سوانح عمری میں بیان کیا ہے کہ میکن خاں کو بِنوَٹ اور شمشیر زنی میں زبردست مہارت حاصل تھی۔ مشہور تھا کہ جب وہ بنیٹھی ہلاتے (پھینکتے ) تھے تو اُن کا جسم اُوجھل سا ہو جاتا تھا۔ میکن خاں کی دوسری زوجہ خیر النساء بیگم دختر مدار بخش (زردوز) ساکن ہسوہ فتح پور (پ/ ۲۰/ اکتوبر ۱۸۴۴ء، م / ۲۳/اکتوبر ۱۹۴۳ء) نے ۹۹ برس کی عمر میں کنور پور میں وفات پائی تھی۔ مجھے اپنی پر دادی کی تجہیز و تکفین کا منظر خوب یاد ہے۔ میری دادی اکثر اپنی ساس کے حسنِ سلوک، طور طریقہ اور اُن کی اُولو العزمی کا چرچا کرتی تھیں، بتاتی تھیں کہ ایک مرتبہ گھر کے مرد ایک برات میں گئے ہوئے تھے۔ موقعہ دیکھ کر کوئی چور، آدھی رات کے بعد عقبی دروازہ کے کواڑوں کی دراز میں انگلیاں ڈال کر کنڈی کھولنے کی کوشش کرنے لگا۔ دادی جاگ رہی تھیں، انھوں نے اپنی ساس کو جگا دیا۔ پر دادی چُپکے سے اُٹھیں اور دبے پاؤں پاس ہی رکھی ہوئی کھُرپی (کھیت کی نرائی کرنے والا اوزار) سے ایسا زور کا وار کیا کہ چور کی ایک انگلی کا پُور کٹ کر اندر رہ گیا۔ میکن خاں کثیر العیال تھے۔ مگر اُن کی دس اولادوں میں سے، دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہی جاں بر رہ سکے۔ بیٹوں میں بھی سب سے چھوٹے، عبدالرحمن خاں غوری (جن کا ذکر آگے آئے گا) عین شباب میں فوت ہو گئے تھے۔
راقم کے پردادا کے اوائل عمر یعنی قریباً دو سو برس سے کنور پور کے مکان سے محرم الحرام کی آٹھویں تاریخ کو پلنگ اور عَلم بڑے تزک و اہتمام کے ساتھ اُٹھتے آ رہے ہیں۔ کنور پور کی آٹھویں (اٹھہیں ) فتح پور ضلع میں مشہور ہے۔ اس میں کنور پور اور نواح کے اہلِ ہنود بکثرت شامل ہوتے ہیں اور خوب چڑھاوا چڑھاتے ہیں۔ یک جہتی اور اُخوّت کا ایسا خوشگوار اور روح پرور منظر فتح پور کے چپّے چپّے میں نظر آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تقسیمِ ملک کے دوران بھی یہ علاقہ امن و امان اور فکری و جذباتی ہم آہنگی کی آماجگاہ بنا ہوا تھا۔
دادا
میرے دادا محمد رمضان خاں غوری (پ/ ۳۰/ دسمبر ۱۸۷۸ء۔ م/ ۲۸/ مارچ ۱۹۵۹ء) اُترّ پردیش کے محکمۂ آب پاشی سے بحیثیت ’’امین‘‘ وظیفہ یاب ہونے کے بعد تا حیات کنور پور کی قدیم سرائے میں واقع مغلیہ دَور کی مسجد میں امامت کے فرائض انجام دیتے رہے۔ نہایت خوش الحان قاری نیز میلاد خواں تھے، تہجد گزار بھی تھے۔ صوفیانہ طرز کے کلام اور سماع کے دلدادہ تھے۔ قوالی کے لمحوں میں اکثر میرے دادا کے اُوپر وجد اور سرشاری کی کیفیت طاری ہو جاتی تھی۔ اہلِ خاندان میں کانپور کے عبدالوہاب خاں اچھے ڈھولکیا تھے، انھوں نے منظور نام کے ایک خوش گلو نوجوان کو منھ بولا بیٹا بنا لیا تھا جو آگے چل کر منظور قوّال کے نام سے مشہور ہوا۔ کانپور میں ہی ایک رشتے دار عبدالحمید خاں کو بھی گانے بجانے کا شوق تھا۔ میرے والد بھی ہارمونیم نواز تھے، لیکن ان میں ’’منظور‘‘ کے علاوہ کوئی پیشے ور قوّال نہیں تھا، (خود راقم ایک زمانے میں Banjo player تھا) چنانچہ اکثر یہ پارٹی کنور پور میں آ جمتی۔ خاطر مدارات ہوتی اور رات رات بھر محفلِ سماع برپا رہتی۔ میرے دادا محمد رمضان خاں، میرِ محفل ہوا کرتے تھے۔ انہی صحبتوں میں میرے اندر جمالیاتی حِس بیدار ہوئی، حسّاس طبعی آئی اور دِل میں گداختگی پیدا ہوئی۔ موسیقی اور صوفیانہ کلام سے سیرابیِ ذوق کا لطف حاصل کرنے کا شعور جاگا اور آدابِ مجلس کی تمیز آئی۔
علاوہ ازیں، گاؤں کے سخت گیر ماحول نے مجھے نبرد آزمائی، بے خوفی، خود اعتمادی، اُولوالعزمی اور حاضر دماغی کے جوہر سکھائے۔ میرے بچپنے میں دیہات کی اندھیری راتیں بڑی پر اسرار اور بھیانک ہوتی تھیں، ہاتھ کو ہاتھ نظر نہیں آتا، ایسے میں اکثر گھر کے بڑے مجھ سے کہتے کہ فلاں چیز، سرائے کی دوکان سے خرید لاؤ۔ گھر کے عقبی دروازہ سے نکل کر بیری کے گھنے باغ سے گزرتے ہوئے سرائے پہنچنا ہوتا، بیچ میں حجّاموں کی قبریں بھی ملتی تھیں۔ مشہور تھا کہ بیری کے پیڑوں پر چُڑیلوں کا ڈیرا ہے، بھوت پریت بستے ہیں۔ جب مارے ڈر کے مَیں آنا کانی کرتا تو میرے دادا میرے ہاتھ میں ٹارچ یا لالٹین تھما کر کہتے کہ تم کیسے پٹھان کے بچّے ہو، بھوت پریت کچھ نہیں بگاڑسکتے، درود شریف پڑھتے ہوئے چلے جاؤ۔ میری دادی بھی ہمّت بندھاتی تھیں۔ دادا مجھے پیڑ پر چڑھتے ہوئے، تالاب میں تیرتے ہوئے اور سرکش چوپایوں کو قابو میں کرتے ہوئے دیکھ کر منع نہیں کرتے تھے بلکہ مجھے ان کے خاص خاص گر بتاتے اور ہمہ آن ہشیار رہنے کی تلقین کرتے۔ میرے دادا، خواجہ اجمیری کے زبردست عقیدت مند تھے۔ اجمیر کے کسی عرس میں سُنے ہوئے اس شعر کو برابر گنگنایا کرتے تھے
مدینے جا کے رسولِؐ خدا سے کہہ دو ں گا
کہ مجھ غریب کی سنتے نہیں غریب نواز
میرے دادا کے تصرّف میں لکڑی کا ایک بڑا صندوق تھا۔ صندوق میں وہ دینی کتب و رسائل، قصص الانبیاء، ادویات کے نسخے، داستان امیر حمزہ کی جلدیں اور خسرہ کھتونی کے علاوہ ٹین (Tin) کا ایک خستہ حال چونگا رکھتے تھے۔ چونگا کے اندر ایک پُرانی سفید، چکنی، دبیز اور کشادہ Paper Sheet (نقشہ نویسی کے مقصد کی) پر میرے اسلاف کا شجرۂ حسب نسب نقش تھا۔ اسی شجرہ کو میرے والد نے ۱۹۵۳ء میں اپنی خاص ڈائری میں (راقم کی تحویل میں ہے ) منتقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ:
’’ہمارا خاندان ’’غوری‘‘ کہلاتا ہے۔ شجرہ جو دکھلایا جا رہا ہے وہ قدیم موجود ہے مگر شجرہ بوسیدہ ہو کر خراب ہو چکا ہے۔ (اس میں ) جو سند شاہی تھی وہ بوسیدہ ایسی ہو گئی کہ پڑھنے میں نہ آ سکی، جس کا سخت افسوس ہے ‘‘۔
محولہ بالا بیاض (Diary) کے صفحہ ۲۶ تا صفحہ ۳۸ میں میرے دادا محمد رمضان خاں غوری نے ۱۹۵۵ء میں اپنے حالاتِ زندگی بقلم خود رقم کیے تھے۔ خود نوشت سوانح عمری کے اختتام پر اُن کے دستخط مع تاریخ مرقوم ہیں۔ خود نوشت میں دادا کی زندگی کا ایک اہم واقعہ جس نے اُن کی زندگی کے دھارے کو یکسر موڑ کر رکھ دیا، یوں تحریر ہے کہ ۱۸۹۳ء میں، وہ محکمۂ پولیس میں بطور سپاہی آگرہ میں تعینات تھے۔ اسی دوران میں آگرہ جیل سے دو قیدی بھوپال کی طرف فرار ہو گئے۔ قیدیوں کی پکڑ دھکڑ کے لیے میرے دادا کو ایک مددگار کے ساتھ بھوپال کے پہاڑی علاقہ کی طرف بھیجا گیا۔ گشت کے دوران ایک دن اچانک ایک تیندوہ کا سامنا ہو گیا جس کو میرے دادا نے بندوق سے مار گرایا، یہ خبر کسی طرح سیہورؔ کے ریذیڈنٹ (دادا جس کے تنخواہ دار تھے ) تک پہنچ گئی، وہ شکار کا شوقین تھا، دادا کو سیہور طلب کیا اور اپنے ساتھ ایک شیرنی کے شکار پر لے گیا۔ پولیس اور فوج کا عملہ بھی ساتھ تھا۔ ریذیڈنٹ بہادر کا حکم تھا کہ پہلی گولی وہ خود چلائیں گے، اس کے بعد شیرنی جس کی طرف جائے وہ مار سکتا ہے۔ ہانکا شروع ہوا اور ایک سیاہ، چمکدار اور غضب ناک شیرنی ریذیڈنٹ کی طرف آئی۔ میرے دادا رقم طراز ہیں کہ انھوں نے جنگلوں اور سرکسوں میں سیکڑوں شیر اور شیرنیاں دیکھ رکھی تھیں مگر ایسی جسامت، قوّت اور شعلہ بار آنکھوں والی شیرنی اس سے پہلے دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔ گرجتی اور لپکتی ہوئی شیرنی پر ریذیڈنٹ بہادر نے گولی چلائی جو شیرنی کے پچھلے حصّے پر لگی۔ شیرنی چھلانگ لگا کر دادا پر حملہ آور ہوئی مگر اُن کی گولی سینے میں پیوست ہوتے ہی ڈھیر ہو گئی۔ اس کارنامہ پر ریذیڈنٹ بہادر نے میرے دادا کو سو روپئے اور ایک رائفل بطور انعام تفویض کیا اور ہیڈ کانسٹبلی کے احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ جگہ خالی ہونے پر سب ان سپکٹر بنائے جاؤ گے۔
چند روز کے بعد دادا کو اپنے معاون سپاہی سے خبر ملی کہ ایک مفرور قیدی آگرہ کے پاس ایک پہاڑی کی کھوہ (غار) میں پناہ گزیں ہے۔ آگرہ پہنچ کر دادا نے معاون کے ساتھ موقع کا معائنہ کیا، اس کے بعد معاون چھپ گیا۔ دادا کی للکار پر مفرور قیدی غارسے نکلا اور بولا کہ مجھے مارو مت، اگر چا ہو تو جان کے بدلے مجھ سے اتنا مال لے جاؤ کہ سات پشتوں تک کھائے نہ چُکے گا۔ یہ کہہ کر وہ کھوہ کے اندر گیا اور ایک بھرا ہوا تھیلا گلے میں ڈال کر باہر آ گیا۔ مفرور کے دونوں ہاتھوں کو خالی دیکھ کر دادا نے اس کی طرف اپنا ہاتھ بڑھایا مگر اس نے چشمِ زدن میں آستین میں چھپایا ہوا خنجر نکال کر دادا کے پیٹ میں گھونپ دیا۔ دادا کی قرولی کے پلٹ وار سے مفرور بھی زخمی ہو کر گر پڑا۔ چیخ پکار سُن کر قریب ہی چھپا ہوا معاون سپاہی نکل کر آیا اور مفرور کو گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں اُسے کالے پانی کی سزا ہوئی۔ دادا کے زخم کا علاج ریذیڈنٹ سیہور کی توجّہ سے ہوا۔ شفا یاب ہونے پر ریذیڈنٹ نے مبلغ تین سو روپئے کے عطیہ کے ساتھ دادا کو رخصت پر گھر جانے کی اجازت دے دی۔
میری پَر دادی کے کئی بیٹے ہوئے مگر دادا کے علاوہ جاں بر نہ رہ سکے، اس لیے وہ دادا کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھتی تھیں۔ کنور پور میں ایک روز نہاتے میں دادا کی پیٹھ ملتے وقت اُن کی نظر بیٹے کے پیٹ کے زخم کے نشان پر جا پڑی۔ دادا نے ٹالنا چاہا مگر ماں کے قسم دلانے پر امر واقعہ بیان کر دیا۔ پھر کیا تھا ممتا کی ماری ماں نے ضد کر کے دادا سے استعفا دلوا دیا، جب کہ عنقریب ان کو سب انسپکٹر کا عہدہ ملنے والا تھا۔
میرے دادا نے اپنی زندگی کا ایک اور اہم واقعہ یوں تحریر کیا ہے کہ وہ عبدالرحمن خاں غوری کے برادر بزر گ تو تھے ہی اور والد کے انتقال کے بعد سرپرست بھی بن گئے تھے۔ سب سے چھوٹی اولاد ہونے کے ناتے عبدالرحمن خاں اپنی ماں اور بڑے بھائی کے بے حد چہیتے اور لاڈلے تھے۔ بڑے نازو نعم سے ان کی پرورش ہوئی تھی۔ میرے دادا نے ۱۹۱۳ء میں عبدالرحمن خاں کا رشتہ طے کر دیا۔ لڑکی محمد حسین انسپکٹر کونڈ کی عزیزہ تھی۔ مولانا ظہور الاسلام (بانیِ مدرسہ اسلامیہ فتح پور) کی اس خاندان سے قرابت داری تھی۔ شادی بڑی دھوم دھام سے ہوئی، مگر شومیِ قسمت کہ تیسرے ماہ عبدالرحمن خاں کی حالت بوجہ علالت اچانک دگرگوں ہو گئی۔ دوا، دُعا نے کچھ نہ کام کیا۔ بروز جمعرات الصباح عبدالرحمن خاں نے کلمہ پڑھا، سورۂ یٰسین سنی اور ہمیشہ کے واسطے آنکھیں موند لیں۔ میرے دادا اُس وقت محکمۂ آب پاشی میں ملازم تھے۔ لکھا ہے کہ ’’میں بھائی کے غم میں روتے روتے اندھا ہو گیا، مگر حکّام ایسے مہربان تھے کہ مجھے سرکار سے تنخواہ ملتی رہی۔ اسی اثناء میں خداوند کریم نے میری آنکھوں کو دوبارہ روشنی عطا فرما دی۔ والدہ صاحبہ کو بیٹے کی مفارقت میں جنون ہو گیا، لیکن غلام مصطفی (میرے والد) چونکہ اپنی دادی سے لپٹ کر کھیلا کرتے تھے اس لیے ماں کی ممتا پوتے کی طرف مبذول ہوئی اور آہستہ آہستہ والدہ صاحبہ کا دماغی توازن بحال ہو گیا‘‘۔ یہ واقعہ موجودہ نسل کے لیے سبق آموز ہے کہ فی زمانہ ماں کی ایسی چاہت اور بھائی کی ایسی محبت عنقا ہو چکی ہے۔ آفریں ہے ہمارے اسلاف پر۔
بارہ تیرہ سال کی عمر تک میرا کنور پور جانا آنا متواتر رہا۔ فتح پور سے دس میل کا فاصلہ ہے۔ تب ریل سے چار آنے لگتے تھے۔ جب میرا گرمیوں کی چھٹیوں میں کنور پور جانا ہوتا تو دادا کے صندوق سے قصّے کہانیوں کی کتابیں اور ٹین کے چونگا سے شجرۂ حسب نسب نکال کر تجسّس سے دیکھتا تھا۔ دادا کے انتقال کے بعد وہ صندوق، کنور پور کے کچّے گھر کی ایک کوٹھری میں رکھ دیا گیا تھا لیکن ۱۹۷۱ء کی کثرت باراں سے کوٹھری کی چھت اور دیواروں کے بیٹھ جانے سے مٹی کے ڈھیر میں دب گیا۔ مقامِ افسوس ہے کہ میرے چچا حسین احمد خاں (ضلع دار محکمۂ آب پاشی) ساکن کنور پور نے صندوق میں محفوظ خاندان کے تین سو سالہ شجرہ کی پروا نہ کی۔ جب تک وہ پختہ مکان تعمیر کروانے کی غرض سے مٹّی کے ڈھیر کو ہٹواتے، میرے دادا کے صندوق اور اس میں سینت رکھی ہوئی چیزوں کو دیمکیں پوری طرح چاٹ چکی تھیں۔ اُس وقت میں علی گڑھ میں تعینات تھا، اس لیے مجھے اس عظیم و قدیم ورثے کے زیاں کی خبر نہ ہوئی۔
والد
راقم کے والد ماجد غلام مصطفی خاں غوری (پ/ ۱۳/ مئی ۱۹۱۳ء۔ م/ ۱۴/ اپریل ۱۹۸۵ء) کا عقدِ مناکحت مسماۃ خیر النساء (بنت عبدالوحید خاں، ساکن محلہ چودھرانہ، (شہر فتح پور ) کے ساتھ ۱۹۳۰ء میں عمل پذیر ہوا تھا۔ عبدالوحید خاں (راقم کے نانا) کا مکان، درویشِ کامل نیز قاری القرآن حضرت عبدالقادر فخری نظامی چشتی رحمۃ اللہ (موسوم بہ قاری صاحب ) کے مقبرہ و مسجد کے عین عقب میں واقع ہے۔ اس مکان کو میرے ماموں مولوی و صوفی عبدالشکور خاں نے ۱۹۵۹ء میں فرزند علی کو فروخت کر دیا تھا، جس کو بعد ازاں اختر حسین نے خرید لیا اور تا دمِ تحریر وہی اس مکان کے مالک ہیں۔ راقم الحروف اپنے نانا کے اسی مکان میں ۲۳/ مارچ ۱۹۳۷ء کو بعد دوپہر تولّد ہوا تھا۔
قاری القرآن، افضل الفضلاء، قدوۃ العارفین، اور درویش کامل حضرت عبدالقادر فخری، نظامی، چشتی رحمۃ اللہ‘‘ صاحبِ کشف و کرامات ہونے کے علاوہ قرآن کے رمز شناس اور اپنے زمانے کے بے مثل قاری تھے۔ آپ کا شہرہ چہار دانگ تھا۔ میرے پر نانا (۱۸۰۶ء تا ۱۸۸۱ء) کے وقتوں سے قاری صاحب کی بعض کرامات کا تذکرہ سینہ بہ سینہ چلا آ رہا ہے۔ ایک واقعہ جو راقم کی والدہ (امّاں ) اپنے بزرگوں کے حوالے سے بیان فرماتی تھیں، یوں ہے کہ سیّد عبدالقادر کے نابغہ قاری القرآن ہونے کی خبر سن کر کسی صوبے کے ایک جیّد عالِم دین اور بلند پایہ قاری، سید القراء کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ ایک روز قرآن کی روح پرور قرأت / تلاوت کا سلسلہ جاری تھا کہ مہمان قاری کو سید القراء کے کسی تلفّظ سے اختلاف ہوا۔ آپ نے اپنے علم و آگہی کی روشنی میں مہمان عالم کو مطمئن کرنے کی بارہا کوشش کی، مگر وہ صاحب اپنی بات پر اڑے رہے۔ آخر سید القراء پر ایک خاص کیفیت طاری ہوئی اور وہ اپنے کشف سے مہمان قاری کو عالم بالا میں لے گئے، جہاں دونوں نے قرآن کی زیرِ بحث آیت ملاحظہ کی، جس سے سید القراء کے لب و لہجہ کے درست ہونے کی تصدیق ہوئی(واللہ اعلم)
قاری صاحب کے مقبرہ کی شمالی دیوار میں یہ کتبہ نصب ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ و نصلی علٰی رسولہ الکریم
تاریخ ارتحال قاری القرآن، افضل الفضلاء، قدوۃ العارفین حضرت سیّد عبدالقادر فخری، نظامی چشتی رحمۃ اللہ۔
آں چہ قاری کہ ا فضل الفضلا
بے گماں بود سید القرآء
روز یک شنبہ، ہشتمی شعبان
از جہاں رفت قاری قرآن
کاشفِ سِرِّ سرمدی بودہ
رکن دین محمدی بودہ
قدوۃ العارفین، فخر انام
مغز دیں بود مایہ اسلام
رائج شرع مصطفی او بود
تابع امر مرتضیٰ او بود
دل مصفّا، زبان ذاکر و اشت
نام خود سید عبدالقادر داشت
پئے تاریخ سال رحلت او
سرنگوں چوں شدیم بر زانو
کرد ہاتف بکا و گفت کبیرؔ
کن بتاریخ رحلتش تحریر
بے سروپا شدند ہمہ ز الم
مہرو قراء و علم و فضل و کرم
سنہ وفات ۱۲۳۵ ہجری
مطابق ۱۸۲۰ء
کچھ عرصہ کے بعد میرے والد نے بچوں کی مستقل رہائش اور تعلیم کی غرض سے شہر فتح پور کے محلہ پنی (جو محلہ چودھرانہ سے متّصل ہے ) میں ذاتی مکان بنوا لیا تھا۔ محکمۂ آبپاشی سے بطور ’’امین‘‘ وظیفہ یاب ہونے کے بعد تا حیات اسی مکان میں رہے، باقی عمر فتح پور اور کنور پور کے اعزّا و اقرباء کی خبر گیری اور کاشت کی نگہداری کے علاوہ کچہری کی کارگزاری اور عبادت و ریاضت میں گزار دی، میرے والد کا بنوایا ہوا مکان تو اب نہیں رہا، البتہ اس کی زمین کے ایک چوتھائی رقبہ میں ’’راہی منزل‘‘ اور تین چوتھائی حصّے میں میرے برادرانِ خرد، اعجاز احمد خاں اور سرفراز احمد خاں کی جدید رہائش گاہیں تعمیر ہو گئی ہیں۔ میرے والد کو موسیقی سے بھی شغف تھا، اپنے ذاتی ہارمونیم (Harmonium) پر گانے بجانے کا شوق کیا کرتے تھے لیکن جوان بیٹوں، مختار احمد خاں (راقم کا بڑا بھائی) اور سردار احمد خاں (راقم کا چھوٹا بھائی) کی علی الترتیب ۱۹۵۳ء اور ۱۹۵۷ء میں ناگہانی اموات کے بعد سے میرے والد نے ہارمونیم کو کبھی ہاتھ نہیں لگایا۔ سردار احمد خاں کو میں نے نوَریّا کھیڑا (کانپور) کی بڑی نہر میں پیراکی (Swimming) سکھائی تھی، لیکن وہ باقر گنج (فتح پور) کے قدیم پختہ تالاب کے پانی کی تھاہ لیے بغیر تالاب کی اُونچی بُرجی سے غوطہ (Dive) لگا بیٹھا۔ پانی کی سطح کم اور کیچڑ بودا (Mud) بہت زیادہ ہونے کے سبب اس کا پورا جسم بودے میں سما گیا۔ اس اندوہناک حادثہ کے بعد والد صاحب کی ہدایت کے مطابق میں نے تیراکی(جو میرا پسندیدہ شوق (Hobby) تھا) کو خیرباد کہہ دیا۔
میرے والد کو مطالعہ اور شعرو شاعری کا بھی ذوق تھا۔ مزاج صوفیانہ تھا، اسی رنگ کے شعر کہتے تھے۔ محکمہ جاتی میگزین ’’انجمن النہار‘‘ میں ان کا کلام شائع ہوتا تھا۔ وظیفہ یاب ہونے کے بعد، مقامی شعری نشستوں میں شریک ہوتے تھے، مرنجانِ مرنج اور ہر دل عزیز شخصیت کے حامل تھے۔ محلّے کی مُوچیانہ مسجد کے متولّی رہے۔ اپنے والدین کے حوالہ سے میرے والد نے اپنی خود نوشت سوانح میں اپنی چار پانچ برس کی عمر کا ایک عجیب و غریب واقعہ تحریر کیا ہے جو میں نے دادا اور دادی کی زبانی بھی سنا تھا۔ واقعہ یہ ہے کہ چار پانچ برس کی عمر میں میرے والد سخت بیمار ہوئے۔ اس وقت میرے دادا قصبہ ’’کھونپا‘‘ (ضلع فتح پور) میں تعینات تھے۔ تمام علاج و معالجہ اور دُعا تعویذ کے باوجود والد کے بچنے کی کوئی اُمید نہ رہی۔ ’’کھونپا‘‘ میں ’’رَجّو‘‘ نام کے ایک حکیم تھے۔ مایوسی نے گھیرا تو میرے دادا اپنے بیٹے کو لے کر دوپہر میں حکیم ’’رجوّ‘‘ کے مطب میں پہنچ گئے۔ وہی اُمید کی آخری کرن تھے۔ انھوں نے مریض کا حال دریافت کیا۔ اس کے بعد مطب کے اندر جا کر شیروانی پہنی اور گھر جانے کے ارادے سے باہر آئے۔ باہر قدم رکھّا ہی تھا کہ ان کا پالتو کتّا اُٹھ کر چلا گیا۔ دادا کو بتایا گیا کہ اُس پالتو کتّا کے مریض کے پاس سے اُٹھ کر چلے جانے سے حکیم ’’رَجوّ‘‘ کو مریض کی صحت یابی کا پورا پورا یقین ہو جاتا تھا۔ چنانچہ حکیم ’’رَجوّ ‘‘ نے اپنی شیروانی اُتار دی، دادا کو کھانا کھلوایا اور تسلّی دی کہ بچہّ مرے گا نہیں۔ دوائیں تجویز کیں، جن کے استعمال سے والد شفا یاب ہو گئے۔ فرطِ عقیدت کے جوش میں کچھ دنوں کے بعد میرے دادا حکیم رَجوّ کے پڑوس میں آ کر رہنے لگے۔ دادی بتاتی تھیں کہ حکیم جی کا کتّا (کلّو نام تھا) ہمارے گھر میں آنے جانے لگا تھا۔ ایک دن اُنھوں نے اسے کھلایا پلایا اور رات کو اپنے ہی گھر میں بند کر لیا۔ صبح جب حکیم ’’رَجوّ ‘‘ کے بچّوں کو بتایا کہ ’’کلّو‘‘ رات میں ہمارے گھر میں رہا تھا، تو بچّوں نے کہا کہ بالکل غلط ہے ’’کلّو ‘‘ تو روز کی طرح کل رات بھی ہمارے گھر میں تھا۔ (واللہ اعلم)
بازار بھاؤ
راقم کے پردادا، دادا اور والد کی مشترکہ ڈائری کے تین چوتھائی اوراق میرے والد کے تحریر کردہ ہیں۔ محکمہ، خاندان، اطراف اور دُنیا جہان میں آئے دن رُو نما ہونے والے چھوٹے بڑے واقعات کے علاوہ میرے والد نے ۱۹۳۰ء سے ۱۹۳۸ء تک کے عرصہ میں مندرجہ ذیل اجناس اور اشیاء کا بازار بھاؤ بھی رقم کیا ہے۔
(۱) گیہوں فی روپیہ پندرہ سیر (۲) بیجر (جوَ، چَنا) فی روپیہ چالیس سیر
(۳) گڑ فی روپیہ بیس سیر (۴) دال ارہر فی روپیہ دس سیر دال اُرد آٹھ سیر
(۵) چاول موٹا فی روپیہ دس سیر (۶) چاول مہین فی روپیہ چار سیر
(۷) شکر فی روپیہ چار سیر (۸) تیل سرسوں فی روپیہ پانچ سیر
(۹) چھوٹا گوشت تین آنہ سیر (۱۰)ً بڑا گوشت دو آنہ سیر
(۱۱) گھی دیسی چھ آنہ سیر (۱۲) ڈالڈا ڈھائی آنہ سیر
(۱۳) مٹھائی چار/پانچ آنہ سیر (۱۴) مٹّی کا تیل دو آنہ بوتل
(۱۵) دودھ ایک آنہ سیر (۱۶) گری پانچ آنہ سیر
(۱۷) کشمش چار آنہ سیر
کپڑا، سونا، چاندی
(۱) لنک لاٹ چار آنہ گز (۲) مارکین دو آنہ گز
(۳) جنگل باڑی دو آنہ گز (۴) پاپ لین چار آنہ گز
(۱) سونا پچیس روپیہ تولہ (۲) چاندی پانچ روپیہ تولہ
دوسری جنگِ عظیم ۱۹۳۹ء میں شروع ہوئی جس سے گرانی میں بے مُہار اضافہ ہونے لگا۔
والدہ
میری والدہ (خیرالنساء، پ/ ۱۹۱۴ء۔ م/ ۱۹۸۸ء) صوم و صلوٰۃ کی پابند خاتون تھیں ظہر کی نماز کے بعد تلاوت قرآن اُن کا معمول تھا۔ ہر صبح بچّوں کو کلام پاک پڑھایا کرتی تھیں۔ بچپن سے بلا ناغہ تلاوت سے قرآن گویا والدہ کو حفظ ہو گیا تھا۔ کسی بھی سپارہ میں کوئی بچّہ اٹک جاتا یا غلط پڑھتا تو والدہ دُور سے ٹوک دیتی تھیں۔ میرے والد نے ایک ڈائری میں مختلف شعراء کی منتخب حمد و نعت، منقبت اور غزلیں خاصی تعداد میں نوٹ کر رکھّی تھیں جنھیں وہ ہارمونیم پر گایا کرتے تھے۔ اسی ڈائری سے پسندیدہ کلام میری والدہ گرمیوں کی دوپہر میں قیلولہ کے دوران گنگنایا کرتی تھیں۔ اچھّی میلاد خواں تھیں، عزیز و اقارب اور اہلِ محلہ بہ اصرار والدہ سے میلاد پڑھواتے تھے۔ کم از کم ایک خاتون ان کی شریک ضرور رہتی تھی۔ میلاد خوانی میں جہاں جہاں رسول ا کرمؐ کا اسمِ گرامی ’’مصطفی ؐ‘‘ آتا والدہ خاموش ہو جاتیں، کیونکہ ان کے شوہر کا بھی یہی نام تھا۔ یہ تھا اُس دَور کے شوہر کا ادب و لحاظ۔
میری ماں نہایت سنجیدہ، کم گو اور سخت مزاج خاتون تھیں۔ ہمارے کشادہ آنگن میں دادا کا لگایا ہوا نیم کا ایک پیڑ تھا جس کی شاخیں کمروں کی اونچی اونچی دیواروں اور چھتوں پر پھیل چکی تھیں۔ چھت سے نیچے آنے کے لیے سیڑھی کے بجائے میں نیم کی کسی لچکتی ہوئی شاخ کے سہارے آنگن میں اُتر آتا تھا۔ اسے میں اپنا ایک کمال تصوّر کرتا تھا اور والدہ کے منع کرنے اور ڈانٹ بتانے پر بھی کمال دکھانے سے باز نہ آتا تھا۔ گرمی کی ایک دوپہر میں جب والدہ آرام کر رہی تھیں، حسبِ معمول جیسے ہی میں نے ایک ڈال سے لٹک کر آنگن میں اُترنا چاہا، ڈال چرچرا گئی اور میں اس کے ساتھ دھڑام سے آنگن میں آ گرا۔ میرے بائیں ٹخنے میں ورم آ گیا اور میں درد سے کراہنے لگا۔ والدہ اُٹھ کر میرے پاس آئیں، اپنی جوتی ہاتھ میں لی اور مکرّر سِکرّر یہ کہتے ہوئے کہ ’’کب سے منع کر رہی ہوں ‘‘ میری مرمّت کر دی، ازاں بعد، ہلدی، چونا، پھٹکری وغیرہ کا لیپ لگایا اور سینکائی کی۔ والدہ کی سختیوں نے مجھ میں ضبط و نظم پیدا کیا۔ اور میں Self made man بن سکا۔
بچپن
میرے اوائل عمری میں فتح پور ایک قصبہ نُما بستی تھی، ہر طرف سے کھُلی ہوئی، مکانوں اور مکینوں کی کثرت سے پاک و صاف۔ گھر سے چند قدم چلے نہیں کہ کھُلا پن اور تازہ ہوا شروع۔ لہٰذا میرے بچپن کی پرورش و پرداخت تقریباً دیہی ماحول میں ہوئی۔ سِن بلوغ کو پہنچتے پہنچتے بھی مجھے اپنے والد کی معیّت میں گاؤں گاؤں گھومنے پھر نے کا موقعہ ملتا رہا اور کھیت کھلیان، باغ بغیچے، نہر، ندی، تالاب، پہاڑ، جنگل، چرندے، پرندے، درندے، کالی راتیں، بھیانک سنّاٹے، کڑکتی بجلیاں، گرجتے برستے بادل اور ساون بھادوں میں لگنے والی جھڑیاں، سب کے سب میری مَردانہ تربیت میں معاون رہے۔ فطرت(Nature) سے میرے جذباتی لگاؤ اور والہانہ ربط کا شعری اظہار میرے یہاں جا بجا ملتا ہے۔ گردو پیش سے شعر اخذ کرنے کی میری غیر معمولی قوتِ متخیّلہ مجھے نیچر سے ہی ودیعت ہوئی ہے۔ مجھے اپنی تین چار برس کی عمر کے بہت سے واقعات آج بھی یاد ہیں۔ بڑا ہو کر جب میں اپنی بالی عمر کا کوئی واقعہ، جائے وقوعہ اور موسم کے حوالہ سے مِن و عَن بیان کرتا، تو میرے والدین ورطۂ حیرت میں پڑ جاتے۔ قصبہ چندن پور (گھاٹم پور) میں جہاں اس وقت میرے والد تعینات تھے، ایک بار موسلا دھار بارش میں ہمارے گھر کے پچھلے دالان کی چھت کی ایک دھنّی (شہتیر) سے ایک لمبے سانپ کو لٹکتے ہوئے میں نے دیکھا تھا جس کو گاؤں کے ایک کالے آدمی (کوُری) نے بلّم بھونک بھونک کر مار دیا تھا۔ سُن کر والدہ نے بتایا تھا کہ اُس وقت وہ سردار احمد خاں (مجھ سے چھوٹا بھائی) کو دو مہینے کالے کر کانپور سے آئی تھیں۔ یعنی میری عمر صرف تین برس اور دو ماہ کی تھی۔ انہی دنوں ہمارے گھر کے باہر روشن ہو رہے ٹھا کروں کے الاؤ میں گاؤں کے ایک چمار نے اپنی اِیکھ (دیہاتی زبان میں اُونکھ ) گرم کر کے الاؤ کو ناپاک کر دیا تھا۔ اس خطا پر کئی ٹھا کروں نے (میں ان کو ٹھا کر کہتے سنتا تھا) بے چارے چمار کو گھیر کر ڈنڈوں سے مارا تھا۔ پھر اسی وقت کنویں سے پانی لا کر نہائے تھے۔ تب میری سمجھ میں نہیں آیا تھا کہ ڈنڈوں سے چمار کی مرمّت کرنے کے بعد ٹھا کروں کو غسل کرنے کی حاجت کیوں پیش آئی تھی۔
چھُوا چھُوت کا ایک دلچسپ واقعہ میرے آٹھویں درجے کا ہے۔ اس وقت میرے والد بحیثیت ’امین‘ محکمہ آب پاشی کی کوٹھی (Inspection House) واقع قصبہ جلالہ (ضلع فتح پور) میں پوسٹ تھے۔ کوٹھی کی باونڈری کے چھ سات آم کے درختوں کو ہر فصل میں نیلام کر دیا جاتا تھا۔ ۱۹۵۰ء میں میرے والد نے بچوّں کی خاطر نیلامی اپنے نام کرالی، چنانچہ گرمیوں کی چھٹیوں میں پورا گھر فتح پور سے جلالہ پہنچ گیا۔ ہمارے کوارٹر سے متّصل کمرے میں والد کے ایک کنوارے ماتحت (پَترول) کا قیام تھا۔ نام یاد نہیں رہا، مگر ہاں ’’سریواستوا‘‘ کہلاتا تھا۔ اس کی دو چھوٹی بہنیں تھیں، جن کو وہ کھِلاتا پلاتا تھا۔ ہم سب مِل کر کھیلا کودا کرتے تھے۔ ایک دن سریواستوا کے یہاں بہت سے مہمان آ گئے۔ غالباً کوئی لڑکی والے اسے دیکھنے آئے تھے۔ بہر حال مہمانوں کے واسطے شام سے دال، چاول، ترکاری اور روٹیاں تیّار کی جا رہی تھیں۔ کھپریل کے سائبان میں جہاں کھانا تیار ہو رہا تھا، اُس کے سامنے، کھُلے میں میرے والد نیز ان کے ہم محکمہ احباب کے پلنگ بچھے ہوئے تھے، ایک پلنگ پر میں بیٹھا ہوا تھا، اتنے میں ایک بزرگ نے بنڈل سے بیٹری نکال کر مجھے دی اور کہا اسے سلگالاؤ۔ میں اُٹھا اور بے دھڑک پترول کے ’’چوَکا‘‘ (کھانا بنانے کی مخصوص جگہ) میں داخل ہو گیا۔ پترول چیخا’’ ہے بھگوان ! تم چوکا میں گھس آئے ؟ سارا بھوجن نشٹ (برباد) کر دیا۔ چونکہ پترول میرے والد کا ماتحت تھا اور نیا نیا ملازم ہوا تھا، اس لیے اس نے زیادہ کچھ نہیں کہا، البتہ میرے والد مجھے ڈانٹتے ہوئے بولے، تمھیں معلوم نہیں کہ مسلمان کے داخلے سے ہندو کے چوکے میں رکھّا کھانا نجس ہو جاتا ہے ؟ پترول نے سارا کھانا میرے یہاں بھیج دیا اور مہمانوں کے لیے دوبارہ تیار کیا۔ مجھے بہت برُا لگا۔ مجھے دھیان آیا کہ پترول کا پالتو کتّا بھی تو چوکا میں آ کر بیٹھ جاتا ہے، اور گائے بھینس کے گوبر (فضلہ) سے تیار کیے گئے یہ اُپلے ؟ جن سے پترول اپنی روٹیاں سینکتا ہے ؟ اور یہ چوَپایوں کا گو موُت جس سے وہ اپنے چوکا کی لپائی پتائی کرتا ہے ؟ مجھے یاد ہے پترول کا بھیجا ہوا کھانا میں نے چھُوا تک نہیں تھا۔ میرے والد نے اپنی محولہ بالا بیاض میں ایک جگہ لکھا ہے کہ :
’’مرتضیٰ (راقم) بالی عمر سے ہی زود حِس اور متجسّس قسم کا لڑکا تھا‘‘۔
میرے والد چونکہ محکمۂ آب پاشی میں ملازم تھے اس لیے فتح پور میں کم رہتے تھے۔ گھر کے چھوٹے موٹے سودا سُلَف کے واسطے میری ڈیوٹی بھی لگنے لگی تھی۔ اکثر سلاد کے لیے والدہ مجھے ایک پیسہ دے کر بازار بھیجتیں کہ ایک ایک پائی کی اَمبیا(کچّا آم) پودینہ، ہری مرچ اور پیاز لے آؤ۔ میرے لڑکپن میں پائی (پیسہ)دھیلا(پیسہ) ادھنّا (آنہ) اکنّی، دُونیّ، چونیّ سب چلتے تھے، حتیّٰ کہ کوڑیاں بھی چل جاتی تھیں۔ میں نے اکثر کوڑیوں کے مول بھی چیزیں خریدی ہیں۔
گپّو میاں
پڑوس کی مُوچیانہ مسجد کے بلند بانگ موذّن ’’گپّو میاں ‘‘ پست قد نیز گٹھیلے بدن کے بزرگ تھے۔ ان کی (بالخصوص) فجر کی اذان کوسوں دُور سے سنائی دیتی تھی۔ رشتے کے میرے ایک نانا مولوی ا کرام حسین جو مسجد سے ڈھائی میل دُور کے ایک مدرسہ میں معلّم تھے، گپّو میاں کی پاٹ دار آواز کی سماعت کی گواہی دیا کرتے تھے۔ گپّو میاں، ذات کے حجّام تھے، ان کا داہنا پاؤں گھٹنے سے بے کار تھا۔ بیساکھی کے سہارے، حجامت کا بستہ کاندھے پر لٹکا کر گھر سے نکلا کرتے تھے۔ محلّے کے بزرگوں سے مَیں سنتا تھا کہ گپّو میاں، جوانی میں پہلوانی کیا کرتے تھے۔ مشہور تھا کہ اپنے سے دُگنے پہلوان کو خاطر میں نہ لاتے تھے۔ یہ سب سُن کر میں اس نتیجہ پر پہنچتا تھا کہ ضرور کسی کُشتی میں اپنا گھٹنا تڑُوا بیٹھے ہوں گے۔
مُوچیانے کی مسجد ایک اُونچے مقام پر واقع ہے، جنوب کی طرف کی گلی سے لگی اس کی لمبی چوڑی فصیل تب قریباً دس فٹ بلند تھی۔ گپّو میاں اسی گلی سے مسجد آتے جاتے تھے۔ بارہویں درجہ (۵۵۔ ۱۹۵۴ء) تک میں نے اِسی مسجد میں نماز ادا کی ہے۔ لہٰذا رفتہ رفتہ گپّو میاں سے مَیں خاصا بے تکلّف ہو گیا تھا۔ ایک روز، نماز عصر سے فارغ ہونے کے بعد میں نے باتوں باتوں میں گپّو میاں سے اُن کے لَنگ کا سبب پوچھ لیا۔ اُس وقت میں اُن کے سامنے دو زانو بیٹھا ہوا تھا۔ چند ساعتوں کی خاموشی کے بعد گپّو میاں گویا ہوئے کہ پندرہ سولہ سال پہلے تک موچیانے کی مسجد میں دن میں بھی سنّاٹا بستا تھا، آس پاس اکّا دُکّا گھر تھے۔ کوئی اٹھّارہ سال ہوئے ہوں گے، گرمیوں کی ایک رات میں اچانک میری آنکھ کھُلی تو تڑکا دکھائی دیا۔ میں نے اُٹھ کر جلدی سے وضو بنایا اور تیزی سے چل کر مسجد میں داخل ہو گیا۔ صحن میں نماز کھڑی ہو چکی تھی۔ میں بھی جماعت میں شریک ہو گیا۔ سلام پھیرنے کے بعد غور سے دیکھا تو کوئی دوسری مخلوق معلوم ہوئی۔ میں سہم گیا۔ اتنے میں ایک غضب ناک آنکھوں والا نمازی میری طرف لپکا، میں بھاگا، اُس نے میرا پیچھا کیا، میں نے دکھّن کی طرف کی اُونچی فصیل سے گلی میں چھلانگ لگا دی۔ مگر بدحواسی کے عالم میں گھٹنے کے بل گرنے سے داہنا پاؤں جھول گیا۔ گرم گرم چوٹ تھی، بہت زیادہ محسوس نہیں ہو رہی تھی، گھسٹتا ہوا گھر کی طرف چلا ہی تھا کہ اچانک ایک بار پھر رات کا اندھیرا چھا گیا، جب جیل کے گجر نے رات کے تین بجائے تو ہوش آیا کہ ارے ! وہ تو صبح کاذب تھی جس کے دھوکے میں آ کر میں اپنا گھٹنا تڑُوا بیٹھا۔ بہت علاج ہوا مگر لنگ نہ گیا۔ بولے، وہ نمازی ضرور جنّات ہوں گے، جنّات میں بھی اچھّے بُرے ہوتے ہیں۔ قرآن کی ’’سورہ الناس‘‘ سے یہی ثابت ہوتا ہے۔ اُس جنّاتی واقعہ کو سُنے ہوئے نصف صدی بیت چکی ہے۔ میں حقیقت پسند آدمی ہوں مگر سوچتا ہوں کہ گپّو میاں جنھوں نے مُوچیانے کی مسجد میں مسلسل تیس اکتیس سال تک (حاجی رجّب قریشی (عمر ۹۲ برس) نے بتایا ہے ) پانچوں وقت اذان کہی، نماز ادا کی، روزے رکھّے، تراویح پڑھی اور اکثر اعتکاف کیا، وہ مجھ سے اور سب سے گپ کیوں ہانکتے بھلا؟ ’’حیرتی آئینہ ہے کِس کِس کا‘‘
سنِ بلوغ
چھُٹپنے سے ہی مجھے کھیل کود سے خاص شغف رہا ہے، پہلے گولی، گِلّی ڈنڈا، پتنگ بازی، کبڈّی، کسرت، دوڑ(Race) پیراکی وغیرہ، پھر اسکول میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، والی بال اور ماضی قریب میں بیڈ منٹن، کیرم اور برج (Bridge) میرے پسندیدہ کھیل رہے ہیں، لیکن تفریحی مشغلوں میں حد درجہ مُلوّث رہنے کے باوجود پڑھائی لکھائی سے میں نے کبھی جی نہیں چُرایا۔ میں نے ۱۹۵۳ء میں گورنمنٹ انٹر کالج سے ہائی اسکول پاس کیا تھا۔ مولانا حسرتؔ موہانی نے بھی یہیں سے ۱۸۹۸ء میں میٹرک پاس کیا تھا۔ ۱۹۵۲ء میں بشیر بدرؔ میرے پڑوسی تھے۔ عبدالقدیر (مرحوم) کے مکان میں نئے نئے کرایہ دار بن کر اُترے تھے، کئی محلّوں میں رہ کر آئے تھے۔ سُپرنٹنڈنٹ پولیس (S.P.) کے دفتر میں ملازمت کرتے تھے۔ شاعری میں شہر کے بزرگ اور اُستاد شاعر حامدؔ فتح پوری کے ارشد تلامذہ میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ ۱۹۵۶ء میں بشیر بدرؔ کا الٰہ آباد کا تبادلہ ہو جانے کے بعد اُن کے اُستاد بھائی اور آج کے بزرگ شاعر محمد طاہرؔ فتح پوری بھی اسی مکان میں رہے۔ استاذی نواب علی خاں گوہرؔ لکھنوی نے بھی میرے ہم سایہ محمد بشیر خاں کے مکان میں چند ماہ قیام کیا۔ موصوف علامہ اثرؔ لکھنوی کے خواہر زادہ تھے۔ مسلم انٹر کالج فتح پور میں اُردو اور فارسی کے معلّم تھے۔ عروض داں شاعر تھے، پروفیسر مجاہد حسین حسینی نے اپنے موجز و مبسوط مضمون ’’غلام مرتضیٰ راہیؔ۔ ۔ ۔ فتح پور کا نیا فاتح‘‘ مطبوعہ ’’کاروانِ ادب‘‘ بھوپال (۱۰۔ ۱۱) میں نواب علی گوہرؔ کی شخصیت اور شاعری کا اعتراف کیا ہے۔ حامدؔ فتح پوری کے انتقال کے بعد فتح پور کے تمامی شعراء گوہر ؔلکھنوی سے کسبِ فیض کرنے لگے تھے۔ مرحوم، صاحبِ دیوان شاعر تھے۔ اُن کے اہل و عیال اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی ہیں اور اہلِ استطاعت بھی۔ مگر افسوس کہ مرحوم کا دیوان بیس اکیس برسوں میں بھی زیورِ طباعت سے آراستہ نہیں ہو سکا ہے۔
فتح پور کے مسلم ہائی اسکول کی انتظامیہ نے ۱۹۵۳ء میں انٹر میڈیٹ کی داغ بیل ڈالنے کا فیصلہ کیا، لیکن محکمۂ تعلیم سے منظوری (Recognition) ابھی نہیں ملی تھی۔ چنانچہ یوپی بورڈ کے اگلے امتحانات کے نفاذ سے قبل منظوری حاصل کر لینے کے عزم کے ساتھ چند طالب علموں پر مشتمل انٹر میڈیٹ کی کلاسوں کا آغاز کر دیا گیا۔ استاذی نواب گوہرؔ علی خاں، پرنسپل ریاض الدین اور اسکول کے لائق و فائق منیجر (ایڈوکیٹ) عبدالرؤف خاں M.L.A. کی تحریک اور ترغیب سے متاثر ہو کر نہ صرف یہ کہ خود میں نے انٹر کے سالِ اوّل میں داخلہ لیا بلکہ ہائی اسکول کے ہم جماعت (۱) محمد ایوب قریشی (۲) وجیہہ احسن اور (۳) رام آسرے موریہ کو بھی داخلے کے لیے راضی کر لیا۔ اس طرح مسلم انٹر کالج کے انٹر میڈیٹ کے اوّلین بیچ(Batch) کا بنیاد گزار طالب علم ہونے کا افتخار مجھے حاصل ہُوا۔ مولانا ظہور الاسلام کا ۱۸۸۲ء کا قائم کردہ یہ اسکول علم و ادب اور تہذیب و تمدّن کا قدیم و عظیم گہوارہ ہے۔ یہاں علّامہ نیاز فتح پوری، ڈاکٹر فرمانؔ فتح پوری اور مولانا حسن الدین خاموشؔ اور محمودالرحمن (I.A.S.)جیسی اُردو کی شہرہ آفاق ہستیاں زیرِ تعلیم رہی ہیں۔ ڈاکٹر فرمان نے ۱۹۴۸ء میں مسلم ہائی اسکول میں آل انڈیا مشاعرے کے انعقاد کا اہتمام کیا تھا، نیازؔ فتح پوری اس کے صدر نشیں تھے۔ اس یادگار مشاعرہ میں اپنے ماموں کے ساتھ میں بھی شریک ہوا تھا۔ والد کی طرح میرے ماموں صوفی عبدالشکور خاں بھی مشاعروں کے بے حد شوقین تھے، پسندیدہ اشعار نوٹ کر لیتے تھے۔ میرے والد کا بسلسلۂ ملازمت باہر قیام تھا، لیکن مسلم ہائی اسکول، گورنمنٹ انٹر کالج، نارمل اسکول اور اینگلو سنسکرت انٹر کالج کے سالانہ مشاعروں میں ضرور موجود رہتے تھے۔ فتح پور کے دیگر کلچرل پروگراموں مثلاً، ڈراموں، نوٹنکیوں، رقص و سُرور کی محفلوں اور تھیئٹر (Theatre) وغیرہ سے نو عمری میں ہی میری دلچسپی خاصی بڑھ گئی تھی۔ ان کو دیکھنے اور پسند و ناپسند کرنے کا میرا پیمانہ زیادہ تر احباب سے جُدا ہوتا تھا۔ اکثر اختلاف رائے میں شدّت اور جارحیّت پیدا ہو جایا کرتی تھی۔ میری نو عمری کی تفریحات سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ ’’باندہ‘‘ کا ہے۔ جی ہاں، یہ مرزا غالبؔ کے شاگرد رشید نواب ؔباندہ کا ہی شہر ہے۔ مرزا غالبؔ نے ۱۸۲۷ء میں کلکتہ جاتے آتے یہیں قیام کیا تھا۔ فتح پور سے باندہ کا فاصلہ صرف پچاس میل کا ہے۔
پہلی ترنگ
میں دسویں کلاس کا طالب علم تھا، جب میرے ہم جماعت اور بے تکلّف دوست انوار احمد خاں، اپنی ایک ہمشیرہ کی شادی میں مجھے اپنے مولد و وطن (باندہ) بلا لے گئے تھے۔ گرمی کا موسم تھا، برات، رات دیر سے آنی تھی۔ چنانچہ شام کو ہم دونوں سیر و تفریح کے لیے نکل کھڑے ہوئے۔ گھومتے گھامتے ریلوے لائن کے سہارے شہر سے دُور نکل کر کین ندی کے پُل پر پہنچ گئے۔ ریل کا یہ پل بہت اونچا تھا۔ ریلوے اسٹیشن کی اونچی ٹنکی میں اسی ندی سے بذریعہ مشین پانی پہنچایا جاتا تھا۔ ہم پُل کے بیچوں بیچ تھے اور شام کا دھندلکا بڑھ رہا تھا کہ اچانک کانپور کی طرف سے آتی ایک ریل گاڑی زور زور سے چیختی ہوئی پُل سے گزرنے لگی۔ مرتا کیا نہ کرتا ؟ ہم نے پُل کی ریلنگ (Railing) کو مضبوطی سے تھام کر خود کو ندی کی طرف جھُکا لیا۔ ریل کی گڑگڑاہٹ سے پُل جنبش کر رہا تھا اور ہم لرزہ بر اندام تھے۔ واپسی میں رات ہو گئی۔ راستے میں دیکھا کہ ریلوے لائن سے ذرا ہٹ کر کھُلے میدان میں خواص و عوام کے حلقے میں طوائفوں کا ناچ گانا ہو رہا ہے۔ ہم بھی تفریحاً اہلِ محفل میں شامل ہو گئے۔ بے باک حسن، قاتل لٹکے جھٹکے اور دلفریب ساز و آواز نے مجھے گرویدہ بنا لیا۔ انوار کو گھر پہنچنے کی جلدی تھی، میں نے تھوڑی دیر میں آنے کا بہانہ بنا کر اُن کو جانے دیا۔ رقص و سُرود کی اس محفل میں خواص سب سے آگے تھے جو شوخ چنچل رقّاصاؤں کے قرب کی لذّت سے سرشار ہونے کے ساتھ ساتھ انھیں خوب خوب نواز بھی رہے تھے۔ میں نے دیکھا کہ ایک کمسن اور خوبرو طوائف رقص کرتی ہوئی ایک صاحب کے پاس آئی اور دو زانو ہو کر اُن کے چہرے کو گھونگھٹ میں لے لیا، پھر اشاروں کنایوں سے اپنے بے باک حسن کا جادو جگانے لگی۔ میں بڑھتے بڑھتے اُن حضرت کے ٹھیک پیچھے جا بیٹھا۔ اب اُن صاحب پر طوائف کی نوازشات کا جادو رہ رہ کر مجھ پر بھی چلنے لگا۔ کسی مائل بہ التفات حسینہ کے دلفریب آؤ بھاؤ کو اتنے قریب سے میں پہلی بار دیکھ رہا تھا۔ پندرہ سولہ برس کے لڑکے کی جمالیاتی حِس پوری طرح بیدار تھی۔ میرے متجسّس ذہن نے اُس خاص الخاص شخصیت کا تعارف بغل کے ایک بھلے سے آدمی سے پوچھ ہی لیا۔ جواب ملا کہ یہ قتیلؔ باندوی ہیں، مشہور شاعر ہیں، بڑے بڑے مشاعروں میں بُلائے جاتے ہیں۔ قتیلؔ باندوی قومی نظموں کے شاعر تھے۔ مشاعروں میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ پڑھتے تھے۔ سنا ہے کسی مشاعرہ میں پنڈت جواہر لعل نہرو نے بھی ان کے کلا م کو داد و تحسین سے نوازا تھا۔ ۱۹۹۴ء میں باندہ میں انتقال ہوا۔ بڑے بیٹے کے ایما پر بندیل کھنڈ کے معروف محقق احسان آوارہؔ نے قتیلؔ باندوی کا کلام ترتیب دیا تھا جو ہنوز شرمندۂ اشاعت نہیں ہوا۔ ہاں تو میں یہ کہہ رہا تھا کہ کچّی عمر کی اُس ناظورۂ ناز آفریں نے اپنے التفات سے مجھے اس قدر مبہوت و مسحور کر دیا کہ وقت کا بالکل بھی خیال نہ رہا۔ رات گئے، انوار احمد خاں لالٹین لے کر مجھے بُلانے آئے۔
نفسیات
تحریک آزادی کے عروج اور ملک کی تقسیم کے المیہ کا میں شاہد ہوں۔ انسانی درندگی کی روح فرسا خبروں اور تصویروں کا کرب آج بھی میری رگِ احساس میں نشتر بن کر چُبھتا رہتا ہے۔ یہ نشتریت نو دس سال کی عمر سے میری رگ و پے میں سمائی ہوئی ہے۔ یہ مضراب میرے احساس کے تاروں کو بیدار رکھتا ہے۔ ہر وقت کسی نہ کسی خیال میں کھوئے رہنے والے میرے ذہن نے بہت جلد مجھے تنہائی پسند اور گوشہ گیر بنا دیا۔ گھر میں، اسکول میں، محفل میں، الغرض ہر جلوت میں مجھے خلوت کا گمان ہونے لگا۔ میں زود رنج نہیں تھا پھر بھی ہجوم اور ہنگاموں سے ہراساں ہو جانا میری فطرت کا خاصّہ بنتا گیا۔ مرزا غالبؔ کے مندرجہ ذیل شعر سے میری خلوت پسندی کو تقویت ملتی ہے
راحت جاوید، ترکِ اختلاطِ مردُم است
چُو خِضَر باید، زِچشمِ خلق، تنہا زیستن
گاؤں میں گھر کے چوپایوں اور پاس پڑوس کے پالتو کتّا، بلّی، تیتر، بٹیر، طوطا، کبوتر، مور، خرگوش وغیرہ سے نزدیکی بڑھانا، ان کی حرکات و سکنات کو تجسّس کی نگاہ سے دیکھنا، ان سے مفاہمت پیدا کرنا ان کی مرغوب غذا مہیّا کرانا، لہلہاتے کھیتوں کے بیچ اُوس میں نہائی ہوئی سرسبز مُنڈیروں پر ننگے پاؤں ٹہلنا، دوڑ لگانا، درختوں کی اونچی اونچی شاخوں سے پھل توڑ لانا، نہر، تالاب اور ندی میں تیرنا، یہ سب عہدِ طفلی کے میرے پسندیدہ پیرویات (Hobbies) میں سے ہیں۔ فصلوں کی سنچائی کے لیے بیلوں کا رہٹ گھمانا، اس کی چکّر دار لڑیوں میں پروئی ہوئی درجنوں ڈولچیوں (گھری) کا باری باری کنویں میں اُترنا، پانی بھر کر لانا اور کھیتوں میں انڈیل دینا۔ اِس عمل کو بار بار دہراتے دیکھنا مجھے دلچسپ اور پر اسرار معلوم ہوتا تھا۔ بارہویں درجہ میں ہندی ادب کے نصاب میں شامل ملِک محمد جائسی کی شاہکار تخلیق ’’پدماوت‘‘ کے مندرجہ ذیل دوہے سے، زندگی کے ساتھ رہٹ کے تعلق کا بھید مجھ پر کھُلا تھا
محمد جیون جل بھرن، رہٹ گھری کی ریت
گھری جو آئی جل بھری، ڈھری جنم گا بیت
قدرتی ماحول میں ا نفس و آفاق کی معنوی درشتگی کے مشاہدے نے مجھے زندگی کی جدلیاتی حقیقت سے آشنا کیا اور کوئی شک نہیں کہ تصادم و پیکار سے میری زندگی کو نمو اور بالیدگی ملی ہے۔ خود اعتمادی، خودسری، عزم و سرکشی، جہد پیہم اور حالات سے مفاہمت کرنے کے بجائے ستیزہ کاری کا سبق میں نے نیچر(Nature) سے ہی سیکھا ہے۔ میری انا اور خودی کے جسم پر نامساعد حالات کی ضرب پڑتی رہتی ہے مگر میں ٹوٹ پھوٹ کر حلقہ تجسیم میں اپنی تشکیل نو میں مصروف رہتا ہوں۔ خوب سے خوب تر کی تلاش میں خود تردیدی اور خود تنسیخی کا عمل میری زندگی اور میری شاعری میں جا بجا ملے گا
تغیّر سے جِلا ملتی رہی ہے
جو مَیں پہلے سے بہتر ہو گیا ہوں
میرا دل نِرا حسّاس اور بالکل جذباتی ہے۔ کسی جانور کو خود حلال کرنا کُجا ذبح ہوتے دیکھ لوں تو اُس کا گوشت مجھ سے کھایا نہیں جاتا۔ میری نازک مزاجی اور جمالیاتی حِس کا عالم یہ ہے کہ چرند ہوں، پرند ہوں یا پھل پھلاری، اگر دیکھنے میں سُبک اور بھلے نہ ہوں تو جانئے کہ میرے منھ کا نوالہ نہیں بن سکتے۔ مزید برآں دستر خوان کی کسی ایک ڈش (Dish) میں مکّھی یا کیڑا نکل آنے سے بقیہ ڈشوں کی طرف سے بھی میری طبیعت یک لخت مکدّر ہو جاتی ہے، کئی دفعہ اس نفاست پسندی کی وجہ سے لذّتِ کام و دہن سے محروم ہو چکا ہوں۔ یہ علّتیں بچپن سے ہی میری حرز جاں بنی ہوئی ہیں۔ صغرسنی میں میری کوئی لابی (Lobby) نہیں رہی۔ کھیل کود اور دوسرے معاملات کو لے کر آپسی تنازعوں میں اکیلا پڑ جانے سے پٹ پٹا کر گھر آ جایا کرتا تھا، مگر میں اُصول سے ٹس سے مَس نہیں ہوتا تھا۔ میری ہیکڑی مشہور تھی۔ اِسی اکڑفوں نے مجھ سے یہ دلچسپ شعر کہلوایا ہے
اپنی قوّت پہ تجھے اتنا بھروسا ہے اگر
میری مرضی کا کوئی داؤ لگانے دے مجھے
آزادی کی پہلی صبح کو میرے والد اپنی سائیکل پر بیٹھا کر مجھے گھر سے تقریباً تین کلو میٹر دُور پولیس پریڈ گراؤنڈ لے گئے تھے۔ وہاں برطانیہ کے پرچم کو اُتار کر ہندوستان کا ترنگا لہرایا گیا تھا۔ باری باری سے بندوقیں چھُڑائی گئی تھیں، بہت سے کبوتر اور ڈھیر سارے رنگ برنگے غبارے اُڑائے گئے تھے اور پولیس بینڈ نے دیش گان (قومی ترانہ) بجا یا تھا۔ اُس وقت میں طِفل تھا، لہٰذا یہ سب میرے واسطے بازیچۂ اطفال تھا۔
آٹھویں درجہ سے ہی میں اسکول کے کلچرل پروگراموں مثلاً بیت بازی، مباحثہ اور ڈراموں میں حصّہ لینے لگا تھا۔ آٹھویں کلاس کے طالب علم کو شعر فہمی کا شعور کتنا؟ چنانچہ بیت بازی کے ایک مقابلے کی ریہرسل کے نگراں اُستاد اسلام الحق کے رُو برو میں نے پوری روانی سے بہ آواز بلند یہ شعر پڑھ دیا
یا الٰہی خیر کر پرچہ بڑا دشوار ہے
منتظم اُلّو کا پٹھّا، چُوتیا سرکار ہے
اُستاد نے پہلے مجھے ڈانٹ بتائی، پھر مذکورہ شعر کو رذیل اور ذلیل بتا کر اسے حافظے سے محو کر دینے کی تلقین کی۔ دسویں درجہ میں ’’دہلی کا ایک یادگار مشاعرہ‘‘ کے ڈرامہ میں مجھے مرزا غالبؔ کا رول ملا تھا اور ’’دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے ‘‘ کے منتخب اشعار مجھے ازبر کرائے گئے تھے۔
تعلیم
راقم ریاضی (Mathematics) میں کلاس کا سب سے پھسڈّی طالب علم تھا۔ قسمت کی خوبی دیکھئے کہ یہی مضمون میرا مستقل ذریعہ معاش قرار پایا۔ ریاضی کے علاوہ میں ہر مضمون میں آگے رہتا تھا۔ بعض مضامین میں مجھے امتیازی نمبر (Distinction Marks) بھی ملتے تھے۔ لہٰذا پرنسپل گریش چند سریواستوا آٹھویں درجہ تک مجھے Promotion کا مستحق قرار دیتے رہے۔ نویں درجہ میں Art side میں آ جانے سے ریاضی (Math) مجھ سے چھوٹ گئی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ہائی اسکول (Metric) میں نے امتیازی نمبروں سے پاس کیا۔
گورنمنٹ ہائر سکنڈری اسکول کے پرنسپل گریش چند سریواستوا کوئی شک نہیں کہ غیر معمولی قابلیت اور بہترین انتظامی صلاحیت رکھتے تھے۔ اکثر صبح کے اجتماع (Gathering) میں اپنے سبق آموز سوانحی کوائف کے ذکر و اذکار سے طلباء کا عزم و حوصلہ بڑھاتے تھے، بتاتے تھے کہ ہائی اسکول میں انھوں نے انگریزی کی لغات(Oxford Concise English Dictionary) پوری کی پوری یاد کر لی تھی۔ کبھی کبھی انگریزی کے اقوال زرّیں دہراتے اور ان پر عمل پیرا ہونے کے لیے Inspire کرتے۔ اُن کی زبانی سُنا ہوا مندرجہ ذیل قول میں کبھی نہیں بھولا اور چھوٹے سے چھوٹے کام کی انجام دہی میں بھی اِس قول کی افادیت کو ملحوظ خاطر رکھّا۔
"If I cannot do great things, I can do small things greatly"
مسلم انٹر کالج میں بھی میری سرگرمیاں جاری رہیں۔ کالج کا ۱۹۵۴ء کا سالانہ مشاعرہ علامہ نیازؔ فتح پوری کی صدارت میں انعقاد پذیر ہوا تھا۔ مشاعرہ کے منتظم اعلیٰ استاذی نواب علی خاں گوہرؔ لکھنوی تھے اور میں انتظام و انصرام میں ان کا دستِ راست تھا۔ استاذی کا یہ شعر بے حد پسند کیا گیا تھا
سختی میں کھُلا کرتے ہیں انسان کے جوہر
ظلمت میں چمکتی ہے ستاروں کی جبیں اور
انٹر میڈیٹ (Intermediate) میں پانچ عدد لازمی مضامین میں میرا ایک مضمون ’’تواریخ ہند‘‘ بھی تھا، جس کے لکچرار امیر احمد، آگرہ کے کسی کالج سے وظیفہ یاب ہو کر آئے تھے۔ جانے مانے تاریخ داں تھے۔ برٹش سرکار کے صرفہ پر ہندوستان کے تاریخی مقامات / آثار الصنادید کا باریک بینی سے مشاہدہ کر چکے تھے۔ چنانچہ موصوف بالخصوص مغلوں کے دور حکومت کی تاریخ کو درسی کتاب (Text- Book) کے بجائے اپنے مشاہدہ کی مدد سے پڑھاتے تھے۔ دہلی، آگرہ، فتح پور سیکری، جے پور، اجمیر، چتّوڑ، کالنجر (جہاں شیر شاہ سوری مارا گیا تھا) کے قلعوں اور عمارتوں کا آنکھوں دیکھا حال ایسے محاکاتی پیرائے میں بیان کرتے تھے کہ میرے تخیّل کے کینواس (Canvas) پر اُن کی تصویریں اُبھر آتی تھیں۔ اس غائبانہ تعارف نیز یگانگت سے یہ ہوا کہ جب مجھے مذکورہ تاریخی مقامات کی سیر و سیاحت کا موقع ملا تو سب کے سب مجھے دیکھے سُنے سے معلوم ہوئے۔ میرے حافظہ میں ان کی معلومات پہلے سے محفوظ تھیں۔ اکثر پیشہ ور رہنماؤں (Guides)کو اُن کی غلط بیانی اور لن ترانی پر ٹوک دیا کرتا تھا۔ علی گڑھ میں لمبے قیام کے عرصہ میں مذکورہ مقامات کی سیر و تفریح کا مجھے بار بار موقع ملتا رہا۔ بعض دفعہ غیر ملکی خوبرو سیّاحوں کے قرب کی لذّت سے محظوظ ہونے کی لَلک میں نام نہاد اور نیم خواندہ گائڈوں پر اپنی مستند تاریخی معلومات اور انگریزی میں کہیں بہتر اظہاری لیاقت و اعتماد کا رعب جما کر خود ان خوبرویوں کا مُفت کا گائڈ بن بیٹھتا تھا۔ ایسے ہی کسی عشوہ طراز ناظورۂ ناز آفریں کے پیراہن سے جھانکتے ہوئے سراپا کو دیکھ کر میرؔ نے یہ شعر کہا ہو گا
جس جائے سراپا میں نظر جاتی ہے اس کے
آتا ہے مرے جی میں یہیں عمر بسر کر
کانپور میں قیام
جس وقت ۱۹۵۵ء میں راقم نے انٹر میڈیٹ کا امتحان پاس کیا۔ فتح پور میں ایک بھی ڈگری کالج نہیں تھا۔ روشنی کے واسطے چراغوں اور پانی کے لیے کنوؤں کا منھ دیکھنا پڑتا تھا۔ چنانچہ میں نے کانپور کے کرائسٹ چرچ کالج میں بی۔ اے میں داخلہ لینے کا فیصلہ کیا۔ کانپور کے محلہ’’ ہیرامن کا پوروا ‘‘ میں رہائش پذیر میری پھوپھی (زبیدہ خاتون) مجھے بے حد عزیز رکھتی تھیں۔ اس زمانے کا یہ کالج معیارِ تعلیم اور ڈسپلن(Discipline) میں دُور دُور تک اپنا ثانی نہیں رکھتا تھا۔ یو۔ پی۔ کے چند معدود نامی گرامی کالجوں میں شمار ہوتا تھا۔ کانپور اور نواح کے معزز شہری اور اعلیٰ افسران کرائسٹ چرچ کالج میں اپنے بچوں کے داخلے کو باعثِ افتخار سمجھتے تھے۔ میں اسی کالج میں داخلہ کے لیے قمیص پائجامہ میں ملبوس انٹر میڈیٹ کی شاندار مارکس شیٹ (Marks sheet) کے اعتماد کے ساتھ پرنسپل آر۔ جی۔ سلیٹر (R.G. Slater) کے عالی شان کمرے میں داخل ہوا تھا، پرنسپل نے پہلے تو میرے حُلیہ پر ایک طائرانہ نگاہ ڈالی، لیکن میری مارکس شیٹ ملاحظہ کرنے کے بعد مجھے بغور دیکھا اور یک قلم میرے داخلہ کے احکام صادر کر دیے۔ اُردو، انگریزی اور اکونامکس میں میرے امتیازی نمبر تھے اور بی۔ اے میں یہی مضامین میں نے اختیار بھی کیے تھے۔ علاوہ بریں General English بھی لازمی مضمون تھا، جس کو خود پرنسپل پڑھاتے تھے۔ کالج میں دولت مند گھرانوں کے لڑکے لڑکیوں کے بیش قیمت ملبوسات کا رُعب داب میں نے اپنے قمیص پائجامہ پر کبھی نہیں پڑنے دیا۔
ایک ہم جماعت
میرے ہم جماعت عقیل احمد خاں بھی حسبِ حیثیت سادہ لباس زیب تن کرتے تھے۔ ہمارا نصب العین صرف اور صرف حصولِ تعلیم تھا۔ اور اسی کی گرمیِ نشاطِ تصوّر سے ہم نغمہ سنج رہتے تھے۔ عقیل احمد خاں نے انگریزی سے ایم۔ اے کیا۔ بھوپال کی معلّمی ترک کر کے لندن پہنچے، برطانیہ کے شہری بنے۔ وہاں سے انگلش ٹیچر کی حیثیت سے پہلے مدینہ منوّرہ، بعد ازاں مکّہ معظمہ میں تعینات رہے۔ سر زمین عرب کی برکتوں سے آسودہ حالی اور سیرو سیاحت کی نئی نئی منزلیں طے کیں۔ ملک شام کے دارالحکومت ’’دمشق‘‘ کی عرب حسینہ سے شادی رچائی۔ لندن میں مکان خریدا۔ ابن بطوطہ کو اپنا روحانی پیشوا بنایا اور عرب، ایران، یورپ وغیرہ کی سیروسیاحت کی۔ عقیل احمد انگریزی اور اُردو ادب کا اعلیٰ ذوق رکھتے ہیں۔ انگریزی میں ان کی شعری اور نثری کاوشات انگلینڈ کے موقر جرائد میں تواتر کے ساتھ شائع ہوتی ہیں۔ عقیل احمد خاں کی ضخیم کتاب ’’یادوں کا سفر‘‘ جو آل انڈیا پونم کلچرل سوسائٹی کانپور کے جنرل سکریٹری اکمل ادیب کے زیر اہتمام سن دو ہزار میں زیورِ طباعت سے آراستہ ہوئی، سیر وسیاحت کے باب میں گراں قدر اضافہ ہے۔
عقیل احمد خاں کے ترجمے لفظاً و معناً اصل سے بہت قریب ہوتے ہیں، ان کو اصل فن پارے کی باز تخلیقیت سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ شاعر کے فکرو خیال اور حاصلِ کلام کے مکمل ابلاغ اور انگریزی زبان میں اس کی خلاقانہ و فن کارانہ ترسیل کی چند مثالیں راقم السطور کے اشعار کے انگریزی ترجموں سے پیش کی جاتی ہیں۔
۱۔
کوئی بھی غم نہیں ایسا کہ جو نہ جاتا ہو
اِک اور غم سے مجھے ہم کنار کرتے ہوئے
"Not a grief do I know which passes away
Without my inheriting a new one in its trail"
۲۔
رہی سوا مری منزل ہر اک تعیّن سے
کہیں ختم میں اپنا سفر نہ کر پایا
"Every ideal has led me in pursuit of another
The odyssey of my life has no where met its end"
۳۔
ہزاروں سال سروں سے کہیں گزرنے پر
پرند سے ہمیں پرواز کا سُراغ ملا
"Hovering over our heads for thousands of years
The mystery of flying was revealed upon us from birds"
۴۔
بہت خون اس میں بہا خواہشوں کا
وہ اِک جنگ دل سے جو میں نے لڑی ہے
"I know alone, how I bled on the alter of my wishes
A pitched battle , I fought against my heart"
۵۔
تعمیر کے لیے مجھے درکار ایک عمر
تخریب کے لیے مجھے اِک لمحہ چاہیے
"An age I require to build what I wish
But a moment I may take to Cause destruction"
ادبی ذوق
میرا ادبی ذوق فتح پور میں پروان چڑھا۔ بشیر بدرؔ اور محمد طاہر فتح پوری میرے پڑوسی تھے، ان کے یہاں برپا ہونے والی شعری محفلوں میں شہر کے عمائدین کے علاوہ اساتذہ میں حامدؔ فتح پوری، نواب علی خاں گوہرؔ اور معروف ترقی پسند شاعر ساحرؔ نجمی اکثر شریک ہوتے تھے۔ چنانچہ میں ۵۳۔ ۱۹۵۲ء میں شعر موزوں کرنے لگا تھا۔ اکثر مصرعہ طرح پر غزل کہہ کر سناتا بھی تھا۔ میر ا تخلص اُسی زمانے کا اختیار کردہ ہے۔ ۱۹۵۳ء میں کانپور سے ناظرؔ صدیقی، میری دعوت پر فتح پور آئے تھے۔ میں نے انھیں بشیر بدرؔ سے ملوایا تھا۔ شعرو شاعری بھی ہوئی تھی۔ شروع میں ہی اچھے اشعار تخلیق کر لینے کے باوجود میں فکرِ سخن کے تئیں مدّت مدید تک سنجیدہ نہیں رہا۔ یہی وجہ ہے کہ ما قبل ۱۹۶۴ء کے تھوڑے بہت کلام کے لیے نہ تو میں نے بیاض کا اہتمام کیا، نہ ہی اشاعت کی طرف دھیان دیا۔ البتہ جو اشعار میرے حافظے سے محو نہیں ہوئے ان میں سے چند یہ ہیں
ابھی سے خواب منزل کے نہ دیکھو
ابھی تو فاصلہ ہی فاصلہ ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
غبارِ کارواں ہے ہم سے آگے
ہمیں اس ضمن میں کچھ سوچنا ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
گھٹا دو چند محلوں کی بلندی
کہ اس نقصان میں ہی فائدہ ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
یوں ہی یہ آدمی کب تک چلے گا
ابھی تو گرتا پڑتا چل رہا ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
کھنچے رہتے نہیں ہو تم ہی راہیؔ
مرا سایہ بھی مجھ سے بھاگتا ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
اب کے خزاں کا ہاتھ تھا در پردۂ بہار
ہر آرزوئے شاخِ چمن، بے ثمر گئی
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
کشتیِ عقل تباہی سے بچا لی جائے
کوئی تدبیرِ جنوں ایسی نکالی جائے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
رنگِ رُخ دیکھ کے میرا مجھے بز دل نہ سمجھ
مجھ کو ڈر ہے کہ ترا وار نہ خالی جائے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
اس طرح اگر اپنے ہی سایے سے ڈرو گے
تم لوگ اُجالوں میں بھی کیا دیکھ سکو گے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
دیتا ہے کوئی پیار سے تو زہر بھی پی جاؤ
گھبراؤ نہ تم وقت سے پہلے نہ مرو گے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
مشورے معتبر احباب کے اب ہوتے نہیں
شوق سے تم مرے کہنے میں نہ آؤ یارو
فتح پور میں بشیر بدرؔ کے برادرِ خرد، محمد ضمیر میرے ہم عمر، ہم جلیس اور ہم نوالہ و ہم پیالہ تھے۔ دن میں کئی کئی دفعہ ایک دوسرے کے یہاں آنا جانا ہوتا تھا۔ اکثر میں بشیر بدرؔ کو ایک بڑے سے خالی مٹکے میں منھ ڈال کر گلا ٹھیک کرنے کی مشق کرتے دیکھتا تھا۔ بشیر بدرؔ کے ترنّم میں اُن کی اِ س مشق و مزاولت کا بڑا دخل ہے۔
کانپو رمیں اثنائے تعلیم، مشاعروں اور شعری نشستوں سے میری دلچسپی برقرار رہی، لیکن شعر گوئی کی طرف میری طبیعت بہت ہی کم مائل ہوئی۔ دراصل کالج، مطالعہ، ٹیوشن اور کھیل کود میری اوّلیت میں شامل تھے۔ میرا قیام کہیں تھا تو طعام کہیں اور۔ کالج یہاں تھا تو ٹیوشنز (Tuitions) وہاں۔ میں نے ہائی اسکول اور بی۔ اے میں ہم جماعت طالب علموں کو پڑھایا ہے، جس کا محنتانہ مجھے ملتا تھا۔ شام تک تھک کر چور ہو جاتا تھا۔ تب مَیں "Early to bed and early to rise" پر کاربند تھا۔ صبح اُٹھ کر ورزش کرنا میرا معمول تھا، ہنوز جس کو میں نے ترک نہیں کیا۔
کانپور میں ۱۹۵۵ء سے ۱۹۶۳ء تک میرا مستقل قیام رہا۔ مابعد بھی ۱۹۷۰ء تک مسلسل آمدورفت رہی۔ اس عرصہ میں نشورؔ واحدی، ثاقبؔ کانپوری، شارقؔ ایرایانی، رشید قمر ؔلکھنوی، کوثرؔ جائسی اور فناؔ نظامی جیسے اکابرین ادب کی صحبتیں مجھے میسّر رہیں۔ شارقؔ ایرایانی نے میری چند نظمیں اور ثاقبؔ کانپوری نے میری ایک دو غزلیں بنظر اصلاح دیکھی ہیں۔ ثاقبؔ کانپوری نے اپنی خود نوشت سوانح عمری میں راقم اور زیبؔ غوری کو خاص تلامذہ میں شمار کیا ہے۔ اساتذہ کی محفلوں کے اُس وقت کے شرکاء میں زیب ؔ غوری سب سے وجیہہ شخص و شاعر تھے۔ دیگر اہم شرکاء میں قیّوم ناشاد، ابوالحسنات حقّی، عشرت ظفرؔ، ناظر صدیقی، کیف ا کرمی، سحرؔ صدیقی، راقم، محمد احمد رمزؔ (رمز سیتاپوری) زبیر شفائی (میکش کانپوری) جلیل فتح پوری اور شاعر فتح پوری قابلِ ذکر ہیں۔ کانپور کے کالجوں کے علاوہ پھول باغ، موتی جھیل، پٹکا پور، چمن گنج اور اقبال لائبریری کے آل انڈیا مشاعروں میں جگرؔ مراد آبادی، فراقؔ گورکھپوری، روشؔ صدیقی، جوش ؔ ملسیانی، جگن ناتھ آزادؔ، رفعت سروش، اور عنوان چشتی وغیرہ سے میں بالمشافہ ہو چکا ہوں۔ عنوان چشتی کے افسانوی مجموعہ ’’چاندنی کا پرتو‘‘ پر میرا مضمون امرتسر کے رسالہ پگڈنڈی میں ۱۹۶۸ء میں شائع ہوا تھا۔ حیدرآباد کے صلاح الدین نیّر کے اوّلین مجموعۂ کلام ’’زخموں کے گلاب‘‘ کے بارے میں میرا مفصّل مضمون رسالہ ’’خاتون دکن‘‘ (حیدرآباد) میں اشاعت پذیر ہوا تھا۔ بشیر بدرؔ کے ’’اکائی‘‘ اور ’’امیج‘‘ نیز مظفر حنفی کے مجموعوں ’’پانی کی زبان‘‘ اور ’’اینٹ کا جواب‘‘ کے متعلق میرے رُشحاتِ قلم ۱۹۶۸ء سے ۱۹۷۳ء کے دوران مختلف رسائل میں شائع ہوئے۔ ازاں بعد اِن شعراء کے خاص نمبروں میں بھی فوقیت کے ساتھ شامل کیا گیا۔ یہ اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ بیسویں صدی کے ساتویں اور آٹھویں دہوں میں میری تخلیقی بصیرت اور تنقیدی صلاحیت کو اعتبار حاصل ہو چکا تھا۔
کانپور کی مشہور اقبال لائبریری کی تعمیر و تشکیل کے لیے خاطر خواہ سرمایہ مہیّا کرنے کی غرض سے ۱۹۵۶ء میں کملا کلب میں منعقدہ آل انڈیا مشاعرہ کے مہمانِ خصوصی شہرہ آفاق فلمی اداکار دلیپ کمار تھے۔ میں نے انھیں بہت قریب سے دیکھا تھا۔ مجمع کو بے قابو ہوتا دیکھ ’’دلیپ کمار‘‘ نے خود مائک پر آ کر حسرتؔ موہانی کی ایک غزل ترنّم سے پیش کی تھی۔ اسی زمانے میں حلیم کالج کے ہال میں فلمی اداکار اور کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر بلراج ساہنی سے بھی روبرو ہو چکا ہوں۔ مشاعروں کے بلند بانگ اور خوش کلام شاعر فناؔ نظامی کے مندرجہ ذیل شعر کو دوام حاصل ہے
ترک تعلقات کو اِک لمحہ چاہیے
لیکن تمام عمر مجھے سوچنا پڑا
فناؔ نظامی، اعلیٰ درجے کے سخن فہم، بلا کے ذہین، اور غضب کے حاضر جواب شاعر تھے۔ جگرؔ مراد آبادی کے تلمیذ خاص تھے۔ جدید شاعری کے نئے اور انوکھے ذائقے سے حظ اندوز ہوتے تھے، یہی وجہ ہے کہ ساتویں دہے کے کانپور کے جدید شاعروں کو (بشمول راقم) بے حد عزیز رکھتے تھے۔ چمن گنج میں جگرؔ اکادمی کی لائبریری کانپور کے اُستاد شاعر شارق ایرایانی کی مستقل نشست گاہ تھی۔ یہ بیٹھک، معروف اور ہر دل عزیز شاعر نیز جگر اکادمی، کے بانی جلیل فتح پوری کی رہائش گاہ کا ایک حصّہ تھی(آج بھی ہے ) فناؔ نظامی بھی یہاں وقت گزارتے تھے۔ اکثر ان کی زبانی قابلِ ذکر واقعے سننے میں آ جاتے تھے۔ مثلاً ایک بار جگر ؔمراد آبادی کے کانپور وارد ہونے پر نوجوان فناؔ نظامی نے اپنی غزل بغرض اصلاح پیش کی۔ استاد کو کسی شعر میں کوئی بات کھٹکی جس کا انھوں نے تدارک کر دیا اور کہا کہ اگر اصطلاحِ عروض میں تم اپنے شعر کے سقم کو جاننا چا ہو تو حسرتؔ موہانی کے پاس چلے جاؤ۔ کہنا کہ جگرؔ نے بھیجا ہے۔ اُن دنوں حسرت ؔموہانی کانپور میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ اس واقعہ سے جگرؔ مراد آبادی کی صاف گوئی اور عالی ظرفی کا ثبوت ملتا ہے۔ اسی طرح بقول فناؔ نظامی ایک بار وہ جگرؔ مراد آبادی کی معیّت میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا مشاعرہ پڑھنے گئے۔ علی گڑھ کے ریلوے اسٹیشن پر اُترے تو وہاں موجود اکابرین و اساتذہ کے علاوہ مشاعرہ کے کنوینر خلیل الرحمن اعظمی سے متعارف کراتے ہوئے جگرؔ کو بتایا گیا کہ یہ صاحب میرؔ کے رنگ میں شعر کہتے ہیں۔ یہ سن کر جگرؔ مراد آبادی نے قدرے توقّف کے ساتھ خلیل الرحمن اعظمی سے سرگوشی کی کہ ’’میاں آپ اپنے رنگ میں شعر کیوں نہیں کہتے ؟‘‘ یہ صائب مشورہ جگرؔ مرادآبادی کے تنقیدی شعور کا پتہ دیتا ہے۔
بی۔ اے کے سال اوّل کے دوران میری صحت خراب ہونے لگی تھی۔ حرارت اور نقاہت کا غلبہ اس قدر فزوں ہوا کہ فتح پور کے مشہور حکیم، قمر الزماں کی تجویز کے مطابق میرا تعلیمی سلسلہ ایک سال تک موقوف رہا۔ جب میں اگلے برس بی۔ اے۔ فائنل کے لیے کانپور پہنچا تو مجھے محلہ بزریا میں ایک مخیّر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ بزرگ کی شاندار بلڈنگ کا ایک کمرہ کرایہ پر مل گیا۔ اس عمارت کے عین سامنے والے اُنہی بزرگ کے ایک مکان میں خان غفران زاہدی کرایہ دار تھے جو آگے چل کر ایم۔ ایل۔ اے۔ صدر اُترّ پردیش اُردو اکادمی اور راجیہ سبھا کے ممبر بنے۔ خان غفران زاہدی اُس وقت کانپور کے سرکردہ اُردو اخبار ’’سیاست جدید‘‘ کے مدیر تھے، ساتھ ہی انھوں نے کرائسٹ چرچ کالج میں ایل۔ ایل۔ بی میں داخلہ لے رکھّا تھا۔ ان سے میری گاڑھی چھنتی تھی۔ بہت جلد میں اُن کا راز دار بن گیا۔ میرے شروع کے بعض اشعار غفران زاہدی تاحیات نہیں بھولے۔ مکان مالک کی چھوٹی بیٹی کو میں پڑھانے لگا جس کے عوض وہ مجھ سے کمرہ کا کرایہ وصول نہیں کرتے تھے۔ ان کی بڑی بیٹی سے غفران زاہدی کو والہانہ عشق تھا۔ دونوں ایک دوسرے پر جان چھڑکتے تھے۔ غفران زاہدی اور ان کے والدین نے لاکھ چاہا کہ یہ عشق ازدواجی رشتے میں تبدیل ہو جائے لیکن مالک مکان کو حیثیت والا داماد درکار تھا۔ آخر یہ عشق ناکام ہوا۔ فتح پور، زاہدی کا مولد وطن نہیں تھا لیکن ان کا تمام تر سیاسی کیریر فتح پور سے وابستہ رہا۔ ڈھائی برس قبل زاہدی کو Lung's Cancer لاحق ہو گیا تھا۔ انھوں نے پامردی کے ساتھ اس موذی مرض کا مقابلہ کیا۔ ہارتے وقت، فتح پور کے نورالہدیٰ انگلش اسکول کے احاطے میں دفنائے جانے کی خواہش ظاہر کی، جو پوری ہوئی۔
طالب علمی کے زمانے میں کانپور کے محلہ طلاق محل میں مقیم میرے رشتے دار کے سامنے والے گھر کی ایک لڑکی سے مجھے بھی پیار ہو گیا تھا۔ یہ ایک مہذّب اور ہوش مند عشق تھا، تب پیار محبت کا یہی چلن تھا۔ ایسا نہیں کہ عشق میں وضعِ احتیاط سے میرا دم نہ گھٹتا تھا، مگر تب جنونِ عشق میں گریبان چاک کرنا شیوۂ عاشقی نہ تھا۔ اچانک بوجوہ لڑکی کے والدین پاکستان ہجرت کر گئے۔ ہر چند مجھے عندیہ مل گیا تھا کہ گریجویشن کے بعد کراچی پہنچ جاؤں مگر میرے والدین اپنے دو کڑیل جوان بیٹوں کی موت کے غم میں پہلے سے ہی نڈھال تھے۔ لہٰذا میں نے نقلِ وطن سے گریز کیا۔
اخبار کی ملازمت
میرے بی۔ اے (Final) کے امتحان کا نتیجہ برآمد بھی نہیں ہوا تھا کہ خان غفران زاہدی کی سفارش سے روزنامہ سیاست جدید کے معاون مدیر (Joint Editor) کی حیثیت سے میری تقرّری عمل میں آ گئی۔ اخبار کے مالک و مختار مولانا اسحاق علمی کی شفقت، غفران زاہدی کے اخلاص اور جمیل اختر نعمانی کی سخت گیری سے صحافت اور دفتری اُمور میں جو سیکھ مجھے ملی، ہمیشہ میرے کام آئی۔ علاوہ ازیں Advertising Agencies سے اشتہارات کے حصول اور نا دہند News paper Agents سے بقایا جات کی وصولی کی غرض سے مجھے مختلف صوبوں کا دورہ (Tour) کرنے کا موقع بھی ملتا تھا۔ چنانچہ میرے مشاہدات اور تجربات میں وسعت اور بالیدگی کے ساتھ ساتھ معاملہ فہمی کا شعور پیدا ہوتا گیا۔
۱۹۶۰ء کی گرمیوں کے ایک سفر میں راقم آرہ اور سیوان کے بعد پٹنہ کے مہیندرو گھاٹ سے ذریعہ اسٹیمر (Steamer) گنگا ندی کو عبور کر کے چھپرہ پہنچا دوسرے دن ’’بستی‘‘ آ گیا جہاں ایک دن رُک کر بنارس کے لیے شام کی ٹرین پکڑی، یہ ٹرین براہ مؤ ناتھ بھنجن اور اعظم گڑھ، الصباح بنارس پہنچتی تھی۔ ’’بستی‘‘ سے روانگی تک Agents سے موصولہ چھوٹے بڑے نوٹوں (Notes) کو میں نے اٹیچی میں بچھا کر پورے سائز کی سفید دفتی سے ڈھک دیا تھا۔ دفتی کے اُوپر کپڑے، کتابیں، اخبار، گلاس، اور رسید بُک وغیرہ تھے۔ میں ریل گاڑی کے جس ڈبّہ (Bogie) میں داخل ہوا، اس کی آخری سیٹ (Seat) ایک سرے سے دوسرے سرے تک لمبی تھی۔ میں نے اٹیچی کو تکیہ بنایا اور پاؤں پھیلا کر لیٹ گیا۔ ڈبّے میں چند بوڑھے مسافر مجھ سے کچھ دُور، آڑ میں بیٹھے ہوئے تھے۔ ٹرین آٹھ بجے رات میں روانہ ہوئی۔ نو بجے کے بعد کسی وقت مجھے نیند آ گئی۔ کافی دیر میں ا چانک گڑگڑاہٹ کی تیز آواز سے میری آنکھ کھل گئی۔ میں نے دیکھا کہ بڑی مونچھوں والا ایک لمبا تڑنگا آدمی میرے اُوپر جھُکا ہوا ہے۔ میرے اُٹھتے ہی سیدھا ہو کر بولا ’’کا ٹائم بھا ہے ‘‘ (جیسے کہ میری گھڑی پر جھکا ہوا تھا) یہ کہہ کر سیٹ کے دوسرے سرے سے لگ کر باہر جھانکنے لگا۔ رات کے بارہ بج رہے تھے۔ اب تک ریل گاڑی گھاگھرا ندی کے پُل سے گزر چکی تھی۔ وہ آدمی بنڈی اور دھوتی میں ملبوس تھا۔ ایک دو بار اس نے مجھے گھور کر دیکھا۔ اب تو میں نے اس پر اپنی نظریں جما لیں۔ تھوڑی دیر میں اس نے اپنی پیٹھ کھجلائی، مجھے اُس کی کمر سے لگا ایک لمبا چمکدار چھُرا دکھائی دے گیا۔ میں سہم گیا۔ ڈبّے میں وہی چند عمر دراز مسافر تھے۔ اس بدمعاش کے ارادہ کو بھانپ کر میں نے جان اور مال کو ایک دوسرے سے الگ کر لینے کا فیصلہ کر لیا۔ سرہانے سے اٹیچی اٹھا کر نیچے رکھّی اخبار نکالا اور بے پروا سا ہو کر پڑھنے کا ناٹک کرنے لگا۔ دفعتاً مجھے ایک اور بات سوجھی۔ میں نے اس سے کہا کہ بھیّا اگر ہم سوجائیں تو مؤ ناتھ بھنجن میں جگا دینا، پانی پینے جائیں گے۔ یہ کہہ کر میں اخبار سے اپنا منھ ڈھک کر لیٹ گیا۔ در اصل میں نے اُس (شرطیہ) بدمعاش کو اوّل تو اٹیچی کھلی چھوڑ کر، یہ باور کرایا کہ میں بنارس کا کوئی طالب علم ہوں، میری اٹیچی میں کپڑے لتّے، کتابیں، کاغذ، کاپیاں اُسے نظر بھی آ رہے تھے، دوم یہ کہ مؤ ناتھ بھنجن میں پانی کے لیے اترنے پر وہ اٹیچی لے کر پچھلے دروازہ سے بہ آسانی فرار ہو سکتا ہے۔ خدا خدا کر کے دو بجے رات میں مؤ ناتھ بھنجن آیا۔ پلیٹ فارم پر دھندلی دھندلی روشنی کے ساتھ سنّاٹا تھا۔ اِکّا دُکّا سواریاں میری بو گی کے پیچھے رہ گئی تھیں۔ میں نے بظاہر اطمینان سے اٹیچی کو کھڑکی سے لگا کر رکھّا اور اس بدمعاش کا دھیان دلا کر گاڑی سے اُترتے ہی فوراً کھڑکی کے پاس واپس آ کر کہا ’’ارے گلاس تو میں نے لیا ہی نہیں ‘‘ یہ کہہ کر میں نے اٹیچی کو کھڑکی سے باہر کھینچ لیا اور ’’بدمعاش‘‘ ’’بدمعاش ‘‘ کی آواز لگاتا ہوا آگے کی طرف بے تحاشہ دوڑ پڑا، مگر جب تک ریلوے پولیس پہنچتی بدمعاش پچھلے دروازے سے کود کر اندھیرے میں غائب ہو چکا تھا۔ مجھے خوف تھا کہ اگر میں اٹیچی کے ساتھ مؤ ناتھ بھنجن کے پلیٹ فارم پر اُترنے کی سعی کرتا تو وہ بدمعاش مجھے چھُرے سے ڈرا دھمکا کر یا پھر زخمی کر کے میری اٹیچی چھین کر اندھیرے میں فرار ہو سکتا تھا۔
بڑے بے آبرو.....
کانپور میں مکان کُجا، پگڑی (یک مشت موٹی رقم) نذر کیے بغیر کرایے کا کمرہ بھی میسّر نہ تھا۔ میرے شناسا تھوڑے عرصہ کے لیے مجھے شکمی کرایہ دار یا Sub-Tenant کے طور پر گوارا کر لیا کرتے تھے۔ ایک بار، محلہ ہیرا من کا پوُروا کے گرلز انٹر کالج کی سامنے والی گلی کی مسجد کا کمرہ مجھے مل گیا۔ میرے ہم جماعت محمد ایوب علی کے والد نے مجھے Sub-Tenant بنا لیا تھا۔ یہ کمرہ مسجد کے پہلو کی چھت پر واقع تھا۔ مسجد کے صحن سے اس کا زینہ تھا۔ مسجد میں داخل ہوتے ہی بائیں جانب کنواں تھا۔ پانی نکالنے کے واسطے ایک بالٹی مضبوط رسّی سے ہر دَم بندھی رہتی تھی۔ میں اِسی بالٹی سے پینے کا پانی بھر لے جاتا تھا۔ اتفاق سے ایک صبح جب میں پانی نکالنے پہنچا تو بالٹی میں پیش امام کے کپڑے بھیگ رہے تھے۔ صابن کا پھینا اور کپڑوں کا میل اُوپر تیر رہا تھا، دیکھ کر مجھے کراہیت محسوس ہوئی۔ پیش امام، لنگی باندھے مسجد کے صحن میں ٹہل رہے تھے۔ میں نے ان سے اعتراض جتایا۔ اس پر وہ بولے کہ میاں پیش امام کا رواں رواں پاک و صاف ہوتا ہے۔ تم انگریزی پڑھنے والے لونڈے ہو، کیا سمجھو گے ؟ میں نے پیش امام کو یاد دلایا کہ رسول ا کرمؐ سراپا نور تھے، لیکن انھوں نے وضو کی بالٹی میں اپنے کپڑے کبھی نہیں بھگوئے۔ انھیں اپنی امّت کو حفظانِ صحت کا درس دینا مقصود تھا ورنہ کنویں کی بالٹی تو کیا کنویں میں اپنے کپڑے بھگو سکتے تھے۔ آخر نورٌ علیٰ نور تھے۔ اس پر موصوف منھ پھلا کر رہ گئے۔ لیکن جب میں شام کو واپس آیا تو اپنے اسباب کو باہر پایا۔ کمرے میں نیا تالا ڈال دیا گیا تھا۔
مانو یا مانو
اخبار کی ملازمت کے دوران کچھ عرصہ تک راقم بیکن گنج (دادا میاں کا چوراہا) میں ایک مکان کی پہلی منزل میں شکمی کرایہ دار بن کر رہا۔ دوسری منزل پر ے اصل کرایہ دار کا قیام تھا۔ ان کی دو بیٹیوں میں چھوٹی ابھی دوشیزہ تھی۔ اسے میں دل دے بیٹھا، وہ بھی مجھے برابر سے چاہتی تھی، رات گئے چھجّے پر ہمارا ملنا جلنا ہوتا تھا۔ لیکن عشق اور مُشک چھپتے کہاں ہیں ؟ آخر لڑکی کے والدین کو بھنک مل گئی۔ لڑکی نے مجھے آگاہ کر دیا، ساتھ ہی خبردار کیا کہ اس کا بہنوئی جارحانہ فطرت کا ہے، کئی وارداتیں انجام دے چکا ہے، آپ اُس سے ہوشیار رہیں۔ بات بگڑتی دیکھ میں نے مولانا اسحاق علمی کے گوش گزار کر دی۔ اُنھوں نے کہا کہ آج کل اخبار کی پریس مشین بند ہے، تم کچھ دنوں کے لیے پریس کے کمرہ میں منتقل ہو جاؤ۔ معاملہ ابھی گرم ہے، کچھ دنوں میں رفع دفع ہو جائے گا۔ میں نے ایسا ہی کیا۔ پریس کے لق و دق ہال (Hall) کی مشرقی دیوار سے متّصل ایک قدیم مزار تھا۔ جمعرات کے دن ہار پھول، لوبان اور فاتحہ کا اہتمام ہوتا تھا۔ مانا جاتا تھا کہ اس مزار کا تعلق کسی پہنچے ہوئے ’’جن‘‘ سے ہے، جو ناحق کسی کو پریشان نہیں کرتے، البتہ اپنے علاقہ میں گندگی اور ناپاکی ان کو پسند نہیں ہے۔
پریس کا کشادہ کمرہ مغرب کی جانب تھا، اُس میں لوہے کی دو عدد بڑی جالیاں نصب تھیں تاکہ پریس کا منیجر کمرہ میں بیٹھ کر اندر کی کارگزاری پر نگاہ رکھ سکے۔ بچپن سے ہی مجھے پاک صاف رہنے کی عادت تھی، لہٰذا کسی اندیشے کے بغیر کمرے کا پنکھا چلا کر میٹھی نیند سولیتا تھا۔ ایک رات مَیں رفع حاجت کے واسطے، گہری نیند سے جاگا۔ نیند کا غلبہ اتنا زیادہ تھا کہ استنجا کا خیال بالکل نہ رہا۔ یوں سمجھئے کہ میں نیند میں چل کر گیا اور نیند میں ہی آ کر لیٹ رہا۔ معلوم نہیں کس وقت کسی نے میرا گریبان پکڑ کر زور سے مجھے جھنجھوڑا۔ ’’کون ہے ‘‘ کی چیخ کے ساتھ میں اُٹھ بیٹھا۔ وہ ہاتھ جیسے ہی میرے گریبان سے ہٹا میں نے دیکھا کہ نہایت اُجلے کپڑے زیب تن کیے ہوئے ایک شبیہ جس کا قد بیس فٹ اونچے Hall کی چھت سے چھُو رہا تھا، مشرقی دیوار کی طرف واپس جا رہی ہے۔ میں پورے ہوش و حواس میں تھا۔ جیسے ہی وہ شبیہ میری آنکھوں سے اوجھل ہوئی، مجھے یاد آیا کہ میں نے استنجا نہیں کیا تھا۔ نجاست کے خیال سے کپکپی چھوٹنے لگی اور بخار چڑھنے لگا۔ پنکھا بند کر کے چار پائی باہر لے آیا اور باقی رات خوف و ہراس کے عالم میں گزار دی۔ رات کا واقعہ سن کر مولانا اسحاق علمی نے دفتر کا ایک کمرہ مجھے مہیّا کرا دیا اور جلد ہی مولانا غلام مصطفی وارثی، لاری پارک پٹکا پور کے، جس فاضل مکان پر قابض تھے، مجھے دلوا دیا۔ مولانا وارثی، کانپور کے مشہور عالمِ دین، واعظ اور میلاد خواں تھے۔
میرا ذہن کلیتاً Scientific ہے، نئی سے نئی ایجاد اور دریافت سے گہری دلچسپی رکھتا ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ میری شاعری کی جڑیں پوری طرح زمین میں پیوست ہیں۔ جہاں جہاں میں نے ماورائی یا آفاقی موضوعات کے آسمانوں کی طرف اُڑان بھری ہے، وہاں وہاں بھی عملی زندگی سے اخذ کردہ خطوط کو ہی میں نے Run way کے طور پر استعمال کیا ہے، اس کے باوجود ۱۹۶۰ء میں پیش آئے مذکورہ واقعے کو آج بھی خواب و خیال یا وہم و گمان تسلیم کرنے سے مجھے انکار ہے۔
ایک سہانا سفر
۱۹۶۰ء کے گلابی جاڑوں میں مجھے ناگپور بھیجا گیا کہ وہاں کے نا دہند ایجنٹ سے اخبار کے بقایا جات وصول کروں، عدم ادائیگی کی صورت میں ناگپور کے ’’سیاست جدید‘‘ کے قارئین کے مشورہ سے کوئی ایماندار ایجنٹ مقرر کر دوں۔ جس ٹرین سے میری واپسی تھی اس میں کھڑکی سے لگی ایک نشست (Seat) میں نے محفوظ کرالی تھی۔ وہ ٹرین ناگپور سے دن میں دس بجے روانہ ہو کر رات کو دو بجے جھانسی پہنچتی تھی، جہاں سے کانپور کے لیے دوسری ٹرین ملتی تھی۔ ناگپور سے واپسی کے دن جب تک میں اپنی Seat پر پہنچتا ایک فربہ اندام معمرّ خاتون اُس پر قابض ہو چکی تھی۔ بغل میں چھریرے بدن کی ایک قبول صورت لڑکی متمکّن تھی۔ تیسری Seat گویا میرے لیے خالی تھی۔ قبل اس کے کہ میں اپنی نشست کا تقاضا کرتا، خاتون نے مجھے بیٹا کہہ کر مخاطب کیا اور وہیں بیٹھے رہنے کی ملتجی ہوئی۔ اس دل فریب لڑکی نے بھی زیر لب تبسّم کے ساتھ سفارشی انداز میں میری طرف دیکھا۔ تین عدد نشستوں والی برتھ کی نصف گنجائش تو لحیم شحیم خاتون نے ختم کر رکھّی تھی۔ بقیہ نشست پر دو مسافر خاصی بے تکلفی کے ساتھ ہی بیٹھ سکتے تھے۔ حسینہ کے لمس کی لذّت کا خیال آتے ہی میں راضی ہو گیا۔ اگر میں اپنی Seat کے لیے مصر ہوتا تو بھاری بھرکم خاتون کا میرے اور حسینہ کے بیچ میں دیوار بن کر بیٹھ جانا طے تھا۔ یکایک دوشیزہ سے سٹ کر بیٹھنے میں مجھے قدرے تامل ہوا جسے بھانپ کر وہ بولی کہ ماں کی Back Bone میں کچھ خرابی آ جانے سے درد سے دُکھی رہتی ہے۔ Pain killer اور Sleeping Pill لے کر لیٹی ہے۔ آپ بیٹھنے میں سنکوچ نہ کریں۔ لہٰذا میں نے تکلّف برطرف کرتے ہوئے اپنے لیے جگہ نکال لی۔ سامنے پندرہ گھنٹوں کا سفر تھا۔ معلوم ہوا ماں بیٹی الٰہ آباد جا رہی ہیں۔ گاڑی رفتار پکڑ رہی تھی۔ کبھی میں لڑکی سے کچھ پوچھتا کبھی وہ مجھ سے کوئی سوال کرتی۔ کبھی ہم ایک دوسرے کو دزدیدہ نظر سے دیکھتے۔ گاڑی جب جب ہچکولے کھاتی، جسموں کی رگڑسے آتشیں لذّت پیدا ہو جاتی۔ اب ہماری شناسائی پر آشنائی کا رنگ چڑھنے لگا تھا۔ کچھ دیر بعد لڑکی نے اپنے بیگ سے اُردو کی ایک میگزین نکالی۔ میں نے کڑی سے کڑی جوڑتے ہوئے بریف کیس سے ’’بیسویں صدی‘‘ کا نیا شمارہ ہاتھ میں لے لیا۔ لڑکی نے دیکھا تو رسالے پر جھپٹ پڑی۔ بولی، میں تواِس کی فین ہوں۔ اُس کی نرم و گداز ہتھیلی میرے ہاتھ میں آ گئی۔ اُس نے کوئی مزاحمت نہ کی۔ ہاتھ کھینچا بھی تو نہ چاہنے کے انداز میں۔ وہ ’’بیسویں صدی‘‘ کی ورق گردانی کرنے لگی، میں نے اس کی میگزین کو اُس کی گود سے اٹھا لیا۔ میگزین کی بھاشا خالص سندھی تھی لیکن لکھاوٹ اُردو کی تھی۔ ’’لڑکی سندھی ہے ‘‘ یہ جان کر میں بجھ سا گیا۔ میں کنوارا ہوں، برسر روزگار ہوں، لڑکی خوب رو ہے، ایم۔ اے کر رہی ہے۔ مجھ سے گھُل مِل بھی گئی ہے۔ ماں کے دل میں بھی مَیں نے نرم گوشہ بنا لیا ہے، میرے تخیّل کی پرواز نے اب تک کئی منزلیں طے کر لی تھیں۔ بہر نوع دوشیزہ ہر لحظہ مجھ سے مانوس ہوتی گئی۔ میں بھی فرطِ جذبات سے مغلوب ہو کر پروانہ وار اس ’’آتش بجاں ‘‘ کی طرف مائل ہوتا رہا۔ وہ حسین اتنی نہ تھی جتنی کہ پرکشش تھی۔ سامنے کی Three Seater پر ایک کافی معمّر جوڑا سفر کر رہا تھا، اَسّی کے پیٹے میں ضرور ہو گا۔ ضعیف اور ضعیفہ گٹھری بنے، پوری برتھ کو گھیرے، آنکھیں موندے اونگھ رہے تھے۔ یعنی ہماری حرکات و سکنات پر کسی کی نظر نہ تھی۔ ’’شاہدِ در بغل‘‘ کی ماں کے علاوہ میرے غیر ہونے کا علم بو گی(Bogie) میں کسی کو تھا بھی نہیں، اور ماں کو Sleeping pills نے دبوچ رکھّا تھا۔ ہم مزے سے پینگیں بڑھاتے رہے۔
اب دوپہر گہرانے لگی تھی۔ لنچ کے لیے میرے پاس اُبلے انڈے، مکّھن، بریڈ اور پھل مہیّا تھے۔ لڑکی نے بھی Tiffin Box کھولا اور ماں کو ہوشیار کیا۔ ماں نے میرا لنچ دیکھ کر کہا کہ ’’بیٹا ہمارے پاس بہت سا کھانا ہے۔ تو جو لایا ہے اسے Tea Time پر کھا لینا‘‘ اچھّی بات ہے ’’ مگر میں اکیلے نہ کھاؤں گا‘‘، میں نے کہا۔ یہ سن کر لڑکی جھٹ سے بول پڑی ’’ہاں ہاں چائے کے ساتھ یہی سب تو ہمیں پسند ہے۔ دوشیزہ فطرتاً بلا کی شوخ اور بے باک تھی۔ یہ خوبی گویا اس کے حسن پر غازہ مثال تھی۔ لنچ سے فارغ ہو کر ماں بیٹی نے مادری زبان میں کچھ دیر باتیں کیں۔ ازاں بعد بیٹی نے پلاسٹک کے ڈبّے سے پانچ چھ قسم کی ٹکیاں (Tablets) نکال کر ماں کو کھلائیں۔ اُوپر سے شیشی سے ایک چمچہ دوا پلائی۔ دوائیں لینے کے تھوڑی دیر بعد ماں دوبارہ انٹا غفیل ہو گئی اور ہم ایک بار پھر بے تکلّف ہولیے
آنکھوں آنکھوں میں وضاحت سے ہوا کیں باتیں
چپ نہ محفل میں وہ بیٹھا نہ میں خاموش رہا
(راقم)
عجب خمار تھا، عجیب سرشاری تھی، جیسے ریل گاڑی کے پنکھ لگ گئے تھے اور ہم کہیں اُڑے جا رہے تھے۔ اب دوشیزہ مدہوشی میں رہ رہ کر جھومنے لگی تھی۔ اچانک اُس کا سر میرے شانے سے آ لگا اور بالوں کی لٹیں میرے سینے پر لہرا گئیں۔ ایک زہریلا نشہ تا دیر میری رگ و پے میں سرایت کرتا رہا۔
چائے میں اُس کی ماں بھی شامل ہوئی، اس کی نیند ہشیار ہو چکی تھی۔ باتوں باتوں میں شام کے سات بج گئے۔ اندھیرا کھڑکیوں کے اندر جھانکنے لگا تھا۔ رات تیزی سے مسلّط ہو رہی تھی۔ میں کافی تھک چکا تھا۔ سفر کا سامان (Luggage) رکھنے کے واسطے Three Seater کے اوپر ایک برتھ نما مچان تھی جس پر لیٹا بھی جاسکتا تھا، دریں اثنا سامنے والی بڑی بی نے سہارا دے کر بڑے میاں کو اُوپر پہنچایا، خود نیچے پَسَر رہیں۔ میں نے بھی ماں بیٹی کا بھرا پرُا بستر بند نیچے اُتارا اور مچان پر چڑھتے ہوئے لڑکی سے تاکیداً کہا کہ کانپور جانے کے لیے مجھے جھانسی میں اُترنا ہے۔ گاڑی دو بجے تک پہنچے گی۔ میں ابھی مچان پر ٹھیک سے دراز بھی نہ ہوا تھا کہ وہ سروقد بستر بند پر پاؤں رکھ کر میرے برابر آ گئی اور میرا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے ناز و ادا سے بولی دیکھو ! جھانسی آنے میں تو ابھی سات گھنٹے ہیں۔ تم پہلے ہم کو تھوڑی دیر سو لینے دو۔ (بات ’’آپ‘‘ سے ’’تم‘‘ تک آ پہنچی تھی) میں مان گیا۔ ادھر وہ اُوپر جا کر محوِ خواب ہوئی، اِدھر میں کچھ دیر پہلے ماضی بن چکی حسین یادوں کو تازہ کرنے میں مگن ہو گیا۔ ماں کی ریڑھ میں رہ رہ کر پھر سے درد اٹھنے لگا تھا۔ ریل قریباً ۹ بجے رات میں بھوپال پہنچی۔ اُس نے چائے خریدی(مَیں نے منع کر دیا تھا) اور چائے کے ساتھ دوپہر والی دوائیں لے کر تھوڑی دیر میں سو گئی۔ شب میں گیارہ بجے میں نے خوابیدہ فتنے کو جگایا۔ اُس نے قیامت خیز انگڑائی کے ساتھ کروٹ لی۔ شراب کی سی مستی بھری نیم باز آنکھوں سے مجھے دیکھا اور میری ہتھیلی پر اپنا رخسار رکھتے ہوئے بولی ’’پلیز تھوڑی دیر اور‘‘ میں نے بے اختیار ہو کر اپنی دوسری ہتھیلی دوشیزہ کے دوسرے رخسار پر رکھ دی۔ اب اُس کا چہرہ گویا رحل پر کھُلی کتاب تھا۔ بھری جوانی کی گہری گہری سانسیں جیسے دریا کی چڑھتی اُترتی موجیں تھیں جن کو ایک تشنہ لب ساحل پر کھڑا حسرت سے دیکھ رہا تھا۔ اس سحر انگیز عالم میں معلوم نہیں کب کتنا وقت گزر گیا۔ قیامت نے جب دوسری دفعہ انگڑائی لی تو اس کا ہاتھ میرے گلے میں حمائل تھا۔ میں اتنی دیر سے اِسی پَل کا منتظر تھا، شہہ ملی تو اس کے لب و رخسار پر بوس و کنار کی بوچھار کر دی۔ دوشیزہ نے بھی کھُل کر جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ لمحہ لمحہ میری بانہوں کی گرمی سے پگھلتی اور سیّال ہوتی رہی۔ اُس کی خودسپردگی سے اُس کی کُل کائنات میرے اختیار میں تھی۔ اس کے انگ انگ سے ترنگ پھوٹ رہی تھی۔ ماہیِ بے آب کا تڑپنا، تلملانا جب مجھ سے اور نہ دیکھا گیا تو میں نے اپنی بانہوں کی گرفت سے آزاد کر دیا اور اپنی نشست پر بیٹھ گیا۔ کچھ دیر میں وہ بھی نیچے آ گئی۔ اب وہ نارمل تھی، میں نے گوش گزار کیا ’’لازم ہے دل کے پاس رہے پاسبانِ عقل‘‘۔ وہ بولی کہ میں نے انکل سے اقبالؔ کو پڑھا ہے۔ اس کی دوسری لائن یہی ہے نا ’’ لیکن کبھی کبھی اسے تنہا بھی چھوڑ دے ‘‘۔ میں نے کہا ’’ہاں ‘‘ اور آج ہم نے اقبالؔ کی دونوں لائنوں پر چل کر دکھایا ہے، کیوں ؟ وہ شرمائی شرمائی سی ہنسی ہنسنے لگی۔
رات ڈھائی بجے دُور سے جھانسی شہر کے قمقموں کی جَگ مَگ دکھائی دینے لگی، جیسے کہکشاں زمین پر اُتر آئی تھی۔ دیکھتے دیکھتے جھانسی کا پلیٹ فارم آ گیا۔ دوشیزہ، دروازے تک مجھے چھوڑنے آئی۔ ہم نے آخری بار ایک دوسرے کو نظر بھر کے دیکھا اور اپنی اپنی راہ ہولیے۔
وہ ایک حسین، ذہین، شوخ اور چنچل دوشیزہ تھی۔ اُس نے بتایا تھا کہ صوبہ سندھ میں سندھی زبان کو اُردو میں لکھا جاتا ہے۔ وہ آٹھ سال کی تھی جب ہندوستان کا بٹوارا ہوا تھا۔ اس کا خاندان ہجرت کر کے ناگپور میں بس گیا تھا۔ اس نے دسویں درجہ کے بعد اُردو اپنے انکل سے پڑھی تھی۔ اس کی زبان نک سک سے درست تھی۔ ماہنامہ بیسویں صدی فر فر پڑھتی تھی۔ ’’نفسیات‘‘ ا س کا پسندیدہ موضوع تھا۔ سچ مچ وہ ایک فراخ دل (Liberal) اور جَری (Bold) لڑکی تھی۔ راستے میں جو گزری اس پر وہ ذرا بھی شرمندہ نہ تھی بلکہ کہا تھا کہ ’’یہ سہانا سفر ہمیں بہت یاد آئے گا‘‘۔
دہلی / کلکتہ
ایک مرتبہ اخباری کاغذ کے کوٹا (Quota) کے حصول کی غرض سے مجھے دہلی بھیجا گیا، روانگی کے وقت مجھے بتا دیا گیا تھا کہ میرے قیام و طعام کا انتظام افضل پیشاوری کے ہوٹل (واقع نزد جامع مسجد) میں کر دیا گیا ہے۔ افضلؔ پیشاوری وجیہہ اور خوب رو پٹھان شاعر تھے۔ بڑے تپاک سے ملے، ہمہ وقت سرور میں رہتے تھے، فوراً بے تکلّف ہو گئے۔ معلوم ہوا کہ موصوف ایک درجن بیویوں کے شوہر ہیں اور ازدواج میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب ہیں اور سب کی سب ہوٹل کی بالائی منزل میں قیام پذیر ہیں۔ سہ روزہ قیام کے دوران افضل پیشاوری کی باہم مذہب و ملّت اور رنگ و نسل میں اختلاف رکھنے والی زوجاؤں کو دیکھنے سننے کا موقعہ مجھے ملتا رہا۔ سب نے ’’لَکُمْ دِیْنُکُمْ وَلِیَ دِیْن‘‘ کی بنیاد پر آپس میں رشتے استوار کر رکھے تھے۔ اگلے دن جب میں قطب مینار کی سیر کرنے پہنچا تو ابھی ٹکٹ گھر کھلا ہی تھا۔ یہ واقعہ ۱۹۵۹ء کا ہے جب قطب مینار کی بلندی کو تن تنہا سر کرنا ممنوع قرار پا چکا تھا۔ میں کسی انجان ساتھی کے انتظار میں تھا کہ اچانک ایک قبول صورت الھڑ لڑکی ٹکٹ لے آئی اور مجھے اپنا ساتھی بنا کر قطب مینار کی سیڑھیاں چڑھنے لگی۔ دن ابھی شروع ہوا تھا اس لیے قطب مینار کے اندر اور باہر ابھی سنّاٹا تھا۔ ایک دو کھنڈ طے کرنے کے بعد وہ لڑکی اپنے سانسوں کے اتار چڑھاؤ کو ٹھیک کرنے کے بہانے ایک سیڑھی پر بُلاوا دینے کے انداز میں بیٹھ گئی۔ قریب ہی جب میں سستانے کے لیے بیٹھا تو وہ میری شاہدِ در بغل بن بیٹھی۔ میں کوئی دودھ کا دھُلا تو تھا نہیں۔ ابھی میں اس کے ایک ایک جائے سراپا سے حظ اندوز ہو رہا تھا کہ معاً قطب مینار کے تقدّس اور اس کی عظمت کی پامالی کے خوف سے میرا ضمیر پکار اٹھا
ہاتھ فوراً روک لے، باز آ، قدم پیچھے ہٹا
جب صدا دل سے یہ آتی ہو کہ دیکھ ایسا نہ کر
(آتشؔ)
میں نے اپنے دل کی آواز پر لبیک کہا اور اس لڑکی کی (غالباً) پیشہ ورانہ پیش کش کو ہوشیاری کے ساتھ التوا میں ڈالتے ہوئے زینہ بہ زینہ قطب مینار کی چھت پر جا بیٹھا۔ وہاں میں نے اسے باور کرایا کہ یہ قطب مینار دراصل ایک بہت بڑی مسجد اور تعلیم گاہ کا مینار ہے جو شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکی تھی، اگلے وقتوں میں جب لاؤڈ اسپیکر نہیں تھے، مسجد کے مینار کے اوپر سے اذان کہی جاتی تھی۔ یہ مسلمانوں کے لیے بڑی پاک و صاف جگہ ہے اور میں مسلمان ہوں۔ میری باتوں سے وہ لڑکی شانت ہو گئی تھی۔ اور میرا ذہن قطب مینار کی تعمیر و تشکیل کے مختلف زمانوں میں بھٹکنے لگا تھا۔ جب ’’آثار الصنادید‘‘ کا خیال آیا تو میرے پردۂ تخیّل پر سر سیّد کا وہ کھٹولہ قطب مینار کے سہارے ابھرتا اور جھولتا نظر آیا جس میں بیٹھ کر وہ قطب مینار کی بلند بالا دیواروں کے نقش و نگار کا چربہ اُتارا کرتے تھے۔ مرزا غالبؔ نے آثار الصنادید کو اہمیت نہ دی ورنہ سچ تو یہ ہے سرسیّد نے اپنی اس کتاب میں دہلی کی تاریخی عمارتوں کو ان کے نقش و نگار اور مستند کوائف کے ساتھ سردو گرم زمانہ سے ہمیشہ کے لیے محفوظ کر دیا ہے ’’ثبات ایک تغیّر کو ہے زمانے میں ‘‘۔ دہلی کی کتنوں تاریخی عمارتوں کے نقش تغیّرِ زمانہ نے یا تو مٹا دیے یا بگاڑ دیے، لیکن سر سیّد کی ’’آثار الصنادید‘‘ میں وہ نقوش صحیح سلامت ہیں، اور تا ابد رہیں گے۔
میرے متجسّس ذہن نے موجودات اور مشاہدات پر کبھی اکتفا نہیں کیا۔ بلکہ میرے یہاں یہ تجسّس اور یہ تشکیک عمومی منظر اور مشاہدے کو ایک تیسرا بُعد عطا کر دیتے ہیں۔ میری شاعری موجودات سے اس احساس اور اس کیفیت کو اخذ کرنے کا نام ہے جو بڑی مشکل سے حرف و نوا کی گرفت میں آتی ہے۔ بچپن سے ہی میرے مشاہدات اور تجربے میں آنے والی ہر چھوٹی بڑی شے ایک مختلف معنوی ابعاد کے ساتھ ظاہر ہونے لگی تھی۔ معاشرے کے عام فرد کے نظریہ اور رویّہ سے میرے اسی اختلافِ نظر نے مجھے اجتماعیت سے ہمیشہ دُور رکھا۔
کانپور کے محلہ بیکن گنج کے گمُو خاں کے احاطہ میں احباب نے مل کر ایک Badminton Court بنا لیا تھا۔ کھلاڑیوں میں ایک سیّد محی الدین بھی تھے جو بعد کو میرے برادر نسبتی بنے۔ انھوں نے اپنی کاروباری ضرورت کے لیے مجھ سے ہندی لکھنا پڑھنا شروع کر دیا تھا۔ اس طرح ان کے مکان واقع غربت اللہ پارک ڈپٹی پڑاؤ میں میری آمدو رفت کی راہ ہموار ہوئی۔ ان کے والد سیّد عبدالقیوم نے کوڑہ جہان آباد (ضلع فتح پور) سے نقل مکانی کر کے کانپور میں بود و باش اختیار کر لی تھی۔ فتح پور کے معروف افسانہ نگار ضیاء حسنی کا مولد بھی کوڑہ جہان آباد ہے اور وہ سیّد عبدالقیوم کے برادر زادہ اور میرے برادر نسبتی تھے۔ حاصلِ کلام یہ ہے کہ مذکورہ گھرانے سے میری نزدیکی اور یگانگت و مفاہمت کے نتیجے میں سیّد عبدالقیوم کی دختر نیک اختر مسماۃ رئیس فاطمہ سے میری شادی ۳۱/ مئی ۱۹۶۲ء کے دن بڑی دھوم دھام کے ساتھ عمل میں آئی۔ شادی کے موقع پر میں اپنے والدین کے ساتھ کانپور کے قدیمی اور تاریخی محلہ پٹکاپور کے لاری پارک کے پہلو میں ذیلی کرایہ دار (Sub-Tenant) تھا۔ پٹکا پور کو نوابین اودھ کے دَور میں خاصی شہرت اور ناموری حاصل تھی۔ کلکتہ کے سفر کے دوران مرزا غالبؔ نے چند روز یہاں قیام کیا تھا۔ شیخ امام بخش ناسخؔ (لکھنوی) بھی جلا وطنی کے دنوں میں الٰہ آباد کے دائرہ اجمل شاہ کے علاوہ نواب پٹکا پور (کانپور) کے یہاں پناہ گزیں ہوتے تھے۔ دائرہ اجمل شاہ کی نسبت سے ناسخؔ کا یہ شعر آج بھی مشہور ہے
ہر پھر کے دائرے میں ہی رکھتا ہوں میں قدم
آئی کہاں سے گردش پر کار پاؤں میں
میرے بالائی مکان کے نیچے اصغر حلوائی کی دوکان تھی۔ اس کے بیٹے کی شادی میں باراتی بن کر پہلے پہل میرا کلکتہ جانا ہوا تھا۔ یہ ۱۹۶۰۔ ۱۹۶۱ء کا ذکر ہے، جب ہندو پاک کے درمیان منعقدہ کریکٹ کے پانچ کے پانچ ٹسٹ میچ (Test Matches) برابری پر چھوٹ گئے تھے۔ کلکتہ کے ایڈن گارڈن (Eden Garden) کے میدان میں یہ میچ میں نے دن بھر دیکھا تھا۔ گرین پارک(Green Park) کانپور کے میچ کے دوران پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کریکٹ کے کھلاڑی محمد حنیف کے یہاں (کراچی میں) پہلے بچّے کی پیدائش کی خوش خبری آل انڈیا ریڈیو سے نشر ہوئی تھی۔ میں نے گرین پارک کی پریس گیلری میں یہ خبر سنی اور لکھی تھی۔
پٹکا پور کے لاری پارک میں ساتویں دہے تک سالانہ مشاعرہ بڑی آن بان اور شان سے منعقد ہوتا رہا۔ اس میں شہر کے اساتذہ کے علاوہ ملک کے نامی گرامی شعراء شریک ہوتے تھے۔ پریڈ(Parade) کانپور کا ڈفرن اسپتال، پٹکا پور سے بہت قریب ہے۔ اُن دنوں ڈاکٹر سنندہ بائی (Dr. Suninda Bai) اس زنانہ اسپتال کی سب سے قابل ڈاکٹر تھیں۔ ان کے ہاتھوں دسمبر ۱۹۶۳ء میں میری اہلیہ کی اوّلین خام (Immature) ڈیلیوری کے لیے شکم کا ایک بڑا آپریشن عمل میں آیا تھا۔ اس آپریشن سے یا کسی نامعلوم سبب سے میری اہلیہ کے قرار حمل کے نظام میں کوئی ایسی خرابی پیدا ہو گئی کہ پھر بہتر سے بہتر علاج و معالجہ کے علاوہ دُعا تعویذ، اولیائے کرام کے مزارات پر حاضری، منتیں منوتیاں، جھاڑ پھونک غرضیکہ کوئی بھی دقیقہ بار آور ثابت نہ ہوا
ماں باپ کے رُتبے کو نہیں پہنچے کبھی ہم
قدموں میں ہمارے کبھی جنت نہیں آئی
(راقم)
روزنامہ سیاست جدید کے ادارے کا ایک معتبر، با اختیار اور راز دار عہدہ دار ہونے کا شرف شروع سے مجھے حاصل رہا لیکن ۱۹۶۲ء میں یوپی گورنمنٹ روڈویز کانپور ریجن (Region) کے جنرل منیجر کے دفتر میں بطور اکاونٹنٹ (Accountant) میری تقرری ہو جانے کی وجہ سے میں نے مذکورہ اخباری فرائض کی ادائیگی سے سبک دوشی حاصل کر لی تھی۔
سرکاری ملازمت
اتر پردیش سرکار کے محکمہ نقل و حمل میں تقرری کے وقت بندیل کھنڈ کے بعض تاریخی علاقے مثلاً مہوبا، باندہ، کالنجر اور مدھیہ پردیش کا کھجورا ہو، کانپور ریجن کے زیرِ انتظام تھے۔ لہٰذا یہاں کے بس اسٹیشنوں (Bus Stations) کے حساب کتاب(Accounts) کی جانچ پڑتال (Audit) کے لیے ان جگہوں کا دَورہ کرنے کا موقعہ مجھے ملتا رہتا تھا۔ کالنجر کا قلعہ ایک بلند و بالا اور وسیع و عریض پہاڑی پر واقع ہے۔ قلعہ کے بندیلے سردار (بندیل کھنڈی) موقع پاتے ہی اپنے گروہ کے ساتھ پہاڑی کی ستواں اور تنگ سیڑھیوں سے اتر کر قرب و جوار میں لوٹ مار اور قتل و غارت گری کرتے اور فوج کشی کی بھنک ملتے ہی واپس قلعہ میں پہنچ کر خود کو محفوظ کر لیتے تھے۔ شیر شاہ سوری نے اپنے عہدِ حکومت میں ان لٹیرے بندیلوں کی سرکوبی کی غرض سے ۱۵۴۵ء میں کالنجر کے پہاڑی قلعہ کا محاصرہ کیا، لیکن سعیِ بسیار کے باوجود اس کی افواج اور اس کی توپیں قلعہ کی بلندی کو سر کرنے سے قاصر رہیں۔ آخر ایران کے ایک فوجی مُشیر کی رائے سے شیر شاہ سوری نے قلعہ کی پہاڑی کی بغل میں مٹی کا اونچا ٹیکرا (ٹیلا) بنوایا۔ جب ٹیکرے کے اوپر سے توپوں نے گولے برسائے تو ان کی مار سے قلعہ کی عمارتوں اور ان میں موجود بندیلوں کا قلع قمع ہو گیا۔ فتح یابی کے بعد شیر شاہ سوری جس وقت قلعہ میں داخل ہوا اور خزانے کی ٹوہ میں بارود خانہ کے قریب سے گزرنے لگا تو وہیں زخموں سے چور پڑے ہوئے ایک بُندیلے نے ہمّت جُٹا کر اپنی بندوق کے چھرّوں سے بارود خانے کو ایک دھماکے سے اُڑا دیا جس سے شیر شاہ سوری بری طرح جھلس گیا اور زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گیا۔ وصیّت کے مطابق شیر شاہ سوری کی تجہیز و تکفین اس کے وطن مالوف سہسرام (بہار) میں کی گئی۔ مجھے یاد ہے مذکورہ بارود خانہ کی آتش دیدہ بارود کے ڈھیر کے اوپر کھڑے کھڑے میں نے سوچا تھا کہ بفرضِ محال ایک نامعلوم زخم خوردہ بندیلا، دمِ مرگ شیر شاہ سوری کے عین شباب میں اس کی ناگہانی موت کا سبب نہ بن گیا ہوتا تو کیا عجب مغل شہنشاہ ہمایوں جو شیر شاہ سوری سے شکست فاش کا منھ دیکھنے کے بعد مع اہل و عیال (جن میں راستے میں تولّد ہوا شیر خوار اکبر بھی شامل تھا) فرار ہو کر ایران کے شہنشاہ طہماسپ کی پناہ میں پہنچ گیا تھا، اپنی زندگی میں دہلی کا تخت و تاج دوبارہ حاصل نہ کر پاتا، کیونکہ شیر شاہ سوری ایک طاقت ور، جاں باز اور رعایا پرور بادشاہ تھا۔ اس کی ہر دل عزیزی اور اثرو نفوذ کا تند و چابک رخش اسی کی بنوائی ہوئی مشہور شاہراہ پر پیشاور سے کلکتہ تک دوڑ رہا تھا۔ اس لیے میرے قیاس کے بموجب اگر شیر شاہ سوری کے عمر طبعی کو پہنچنے کی صورت میں، شہنشاہ ہمایوں اپنی ہاری ہوئی سلطنت کی بازیابی میں جیتے جی ناکام رہ جاتا تو ہندوستان میں عہدِ مغلیہ اسی پر ختم ہو گیا ہوتا اور پھر دُنیا کے سات عجوبوں میں سے ایک یعنی تاج محل معرضِ تشکیل میں نہ آیا ہوتا۔ لہٰذا شیر شاہ سوری کو بھسم کر دینے والی بارود کی راکھ کے ڈھیر پر کھڑے کھڑے میں نے راحت کی سانس لی تھی۔
متخیّلہ کی طرح قوتِ ارادی اور قوتِ مدافعت بھی مجھے بدرجۂ اَتَم ودیعت ہوئی ہے۔ اہلیہ کے علا ج و معالجہ کا کوئی نتیجہ برآمد نہ ہونے سے میں اولاد کی طرف سے بالکل مایوس ہو گیا تھا۔ اُدھر میری ماں کو پوتے کی چاہت اور میری دادی کو پڑپوتے کی آرزو ستا رہی تھی۔ دوسری شادی کے لیے اصرار پر اصرار ہو رہا تھا۔ لیکن اوّل تو یہ کہ میری بیوی عمر میں مجھ سے آٹھ سال چھوٹی ہے، اس پر مستزاد تبسڈول اور خوش وضع ہونے کے باعث میرے واسطے بے حد پُر کشش تھی۔ دوم یہ کہ سیّد زادی، تعلیم یافتہ، خوش اطوار، وفا کیش، کفایت شعار، گُنی اور سب سے بڑھ کر بہترین باورچن (Cook) ہے۔ علی گڑھ کے احباب میں صلاح الدین پرویزؔ، بشیر بدر، احتشامؔ اختر، شہاب عراقی وغیرہ اکثر فرمائش کر کے میری اہلیہ کے ہاتھوں کے پکوانوں (Dishes) سے لذّتِ کام دہن حاصل کرتے تھے۔ میری والدہ نے تو میری دوسری شادی کے لیے ایک لڑکی دیکھ بھی لی تھی۔ مگر میں دو ناؤوں میں سوار ہونے کا جوکھم نہ اُٹھانے کے اپنے ارادہ پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہا۔ ایک وقت تھا جب میں اس کثرت سے سگریٹ نوشی کا عادی ہو گیا تھا کہ دیکھنے والے مجھے Chain Smoker کہنے لگے تھے۔ لیکن انتہا کو پہنچی ہوئی سگریٹ نوشی کی عادت کو میں نے ۱۹۶۹ء میں یک لخت اور یکسر ترک کر دیا تھا۔ مزید برآں تقریباً بیس برسوں کی شب و روز کی پان و تمباکو خوری کی لت سے جب میں ۱۹۸۶ء میں ایک بار باز آیا تو پھر کبھی منھ نہ لگایا۔ ان سماجی و محفلی علّتوں نے مجھے اکثر شہ پر شہ دی مگر میری قوتِ مدافعت ہمیشہ آڑے آئی۔ میرے بعض احباب جو سگریٹ نوشی اور پان خوری سے پیچھا چھڑانے میں اپنا کس بل گنوا چکے تھے، مجھ ناتواں کی دفاعی قوت پر رشک کرتے تھے
سب پہ جس بار نے گرانی کی::اس کو یہ ناتواں اُٹھا لایا (میرؔ)
فتح پور میں تعیناتی
۱۹۶۴ء کے وسط میں مجھے فتح پور ڈپو (Depot) میں تعینات کر دیا گیا۔ تقریباً دس برسوں کی غریب الوطنی کے بعد وطن واپسی پر مجھے محلہ خیلدار میں، شہر کی سر بر آوردہ شخصیت اور ممتاز قانون داں سعید احمد مدنی کے مکان نما دفتر سے متّصل حبیب احمد (منصرم کلکٹریٹ) کی رہائش گاہ کی بالائی منزل میں بطور کرایہ دار اقامت گزیں ہونا پڑا۔ محلہ پنی میں واقع میرے والد کے مکان کو ایک کانسٹبل (Constable) نے جعل سازی سے اپنے نام الاٹ (Allot) کرارکھا تھا۔ ۱۹۶۸ء میں میرے والد نے مقدمہ جیت کر اپنا مکان خالی کرا لیا تھا۔ چنانچہ والدین (جو اس وقت کانپور میں مقیم تھے ) کے ساتھ میں بھی اپنے موجودہ مکان میں منتقل ہو گیا تھا۔ جب میں دوبارہ فتح پور میں وارد ہوا، یہاں کے شعر وادب کے نقشے میں کئی تبدیلیاں رو نما ہو چکی تھیں۔ میرے پڑوسی بشیر بدرؔ اپنے سامنے والے جگری دوست چھٹّن پہلوان (قصّاب) کے خانۂ خلوص میں ایک واردات کو سر انجام دے کر الٰہ آباد نکل گئے تھے۔ ان کے دونوں اُستاذی جاذب ہسوی (مظفر حنفی کے ہم وطن) اور حامد فتح پوری اللہ کو پیارے ہو چکے تھے اور شہر کے تمامی شعراء استاذی نواب علی خاں گوہرؔ سے اکتسابِ فیض کر رہے تھے۔ شاعروں میں اندر روپ سریواستو، بیتاب ؔپیلی بھیتی، م۔ اخلاق اور ا کرام فتح پوری کا فتح پور میں مستقل اضافہ ہو چکا تھا۔ معروف افسانہ نگار ضیاء حسنی کے علاوہ نئے اور ابھرتے ہوئے کہانی کاروں میں ظفر اقبال (ظفر اقبال ظفرؔ)، جمال احمد، جاویداقبال کاظمی اور سعید الظّفر(سعید الظّفر وسیمؔ) کے افسانوں کی طرف ارباب ذوق کی توجّہ منعطف ہونے لگی تھی۔ فتح پور کے شاعروں اور افسانہ نگاروں کے رُشحاتِ قلم رسائل میں اشاعت پذیر ہو رہے تھے۔ مشاعروں، نشستوں اور مذاکروں کے ذریعہ مقامی طور پر بھی ادبی سرگرمیاں عروج پر تھیں۔ ۱۹۵۴ء تک یہاں کے جن قابلِ ذکر شعراء کو میں دیکھتا سنتا رہا تھا اُن میں استاذی نواب علی خاں گوہرؔ، ساحرؔ نجمی، طاہرؔ فتح پوری، عبدالقیوم مستؔ، رسول بخش رسولؔ، شمیم احمد شمیمؔ وحید الدین خاں متینؔ، حباب ؔ ہاشمی، قمر ؔ صدیقی، مدھر بہاری تلخؔ، رام بہاری لعل اعظم ؔ، ثمر جیت سنگھ جلالؔ، فتح اللہ کرمؔ، فراقؔ فتح پوری وغیرہ کی تخلیقی سرگرمیاں بدستور جاری تھیں۔ محمد ظفر مونسؔ کا بحیثیت مدرّس، پورٹ بلیر (انڈمان نکوبار) میں تقرّر ہو چکا تھا۔ مونس ؔایک خوش فکر شاعر ہی نہیں، محب اُردو بھی ہیں۔ انھوں نے شعری نشستوں، مشاعروں اور کتب و رسائل کے وسیلے سے پورٹ بلیر میں اُردو زبان و ادب کے لیے فضا ہموار کی ہے۔
فتح پور کے شاعر مترجم اور معلّم اندر سروپ سریواستو کی قائم کردہ انجمن ساہتیہ سبھا کی ماہانہ نشستیں اے۔ ایس۔ انٹر کالج میں اور اکثر ان کے یہاں منعقد ہوا کرتی تھیں۔ ان میں اُردو اور ہندی کے قلم کاروں کے علاوہ شہر کے عمائدین بھی شریک ہوتے تھے۔ فتح پور میں دوبارہ وارد ہونے کے ساتھ ہی مجھے یہاں کی شعری نشستوں اور مشاعروں میں پابندی کے ساتھ مدعو کیا جانے لگا تھا، لیکن میرے پاس پہلے سے موجود غزلوں کا سرمایہ بہت کم تھا اور تواتر کے ساتھ نیا کہنے کا جوش دوبارہ ابھی پیدا نہیں ہوا تھا۔ نتیجتاً بہت جلد غزلوں کو مکرّر سکرّر پیش کرنے کی نوبت آ گئی، جس سے اکثر مجھے طنز و تشنیع کی خفّت اُٹھانی پڑتی تھی، لیکن یہی خفّت میرے لیے مہمیز ثابت ہوتی رہی اور جب میں نے اپنے دماغ کی جودت اور روح کی قوت کو مجتمع کر کے اپنی تخلیقی بصیرت کو بروئے کار لانے کی سعی کی تو مجھے اپنے گزشتہ سے پیوستہ ہونے میں دیر نہ لگی۔ لیکن ا ب کے میری طبیعت غزل گوئی کے بجائے نظم نگاری کی طرف مائل ہوئی۔ اس کی وجہ شاید یہ تھی کہ اس دَور میں میرا رجحان مشاعروں کی طرف تھا اور جوشؔ، سردار جعفری اور کیفیؔ اعظمی سے لے کر شمسی مینائی، نازشؔ پرتاپ گڑھی اور قتیلؔ باندوی تک کی بلند بانگ نظموں کی گھن گرج مشاعروں کی فضا پر پوری طرح چھائی ہوئی تھی۔ چنانچہ میری پابند نظموں نے بھی مقامی نیز گِرد و نواح کے مشاعروں کے سامعین کو مسرور و مسحور کرنا شروع کر دیا۔ کچھ عرصہ کے بعد استاذی نواب علی خاں گوہرؔ اور بعض احباب مثلاً ساحرؔ نجمی و ضیاء حسنی وغیرہ نے رسائل کی طرف میری توجّہ مبذول کرائی اور بہت جلد ’’جی۔ ایم۔ راہیؔ‘‘ کے نام سے میری نظمیں ملک کے معیاری رسائل میں (بشمول ماہنامہ شاعر) پورے پورے صفحات کی زینت بننے لگیں۔ میری بعض نظموں کے مندرجہ ذیل اقتباسات سے ان کے مزاج اور معیار کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے
کتنے اوراق ابھی اور مکمل ہوں گے
کتنے عنوان ابھی دے گا مورّخ کا قلم
حدّ تکمیل کو پہنچے گی کہاں تیری حیات
کون سے موڑ پہ ٹھہریں گے زمانہ کے قدم
(نظم ’تاریخ‘ سے ماخوذ)
قلم اُٹھایا تیری شان میں مورّخ نے
تری حیات کو تاریخ نے جلا بخشی
اُفق کے جام میں اُترا لہو کا جاہ و جلال
سحر سے پہلے ترے حوصلے کی پوَ پھوٹی
(نظم ’’شہید وطن‘‘ سے ماخوذ)
اس کے بام و در کے سنگ و خشت میں ہے وہ گداز
جس سے ظاہر ہو رہی ہے سر بلندیِ نیازؔ
عالم و ناقد، مفکّر، دُور بین و نکتہ رس
کاروانِ فکر کی را ہوں میں آوازِ جرس
لفظ و معنی کا مرقع ساز کہئے، وہ نیازؔ
علم و فن میں صاحب اعجاز کہئے، وہ نیاز
( نظم ’’کا شانۂ نیاز فتح پور ی‘‘ سے ماخوذ)
میں کہ بیٹھا ہوں بزم گلشن میں
اِک تماشائے حُسن زار لیے
چاندنی ہے کہ چھٹکی پڑتی ہے
اپنے گیسوئے تار تار لیے
اپنا احساس تک نہیں مجھ کو
اس قدر محو ہوں نظاروں میں
گھلتا جاتا ہو جیسے میرا وجود
اس کی قدرت کے شاہ کاروں میں
( نظم ’’تاثرات‘‘ سے ماخوذ)
وقت کی ضربِ کلیمی سے کُچل کر رہ گئے
ہائے ایسے لوگ جو کچھ دُور چل کر رہ گئے
دفن ہیں زیرِ زمیں ایسے بھی کچھ اہلِ صفات
کر گئے جو جاوداں تاریخ میں اپنی حیات
کچھ شمال اور کچھ جنوب و مشرق و مغرب سے ہیں
ایک ہے منزل مگر راہیں کئی جانب سے ہیں
(نظم ’’گورِ غریباں ‘‘ سے ماخوذ)
انقلابات نے بدلا تو زمانے کا چلن
پھر بھی موجود ہے حالات کے ماتھے پہ شکن
اب بھی اعراض کے زمرے میں ہیں آداب وفا
اب بھی ترتیبِ خزاں ہے پسِ تزئینِ چمن
آج بھی شہروں کے ہنگامۂ تنہائی میں
ہے وہی دشت نوردی، وہی دیوانہ پن
بربریت کے شراروں کو بجھا لوں تو چلوں
اپنے خوابیدہ عزائم کو جگالوں تو چلوں
(نظم ’’جگا لوں تو چلوں ‘‘ سے ماخوذ)
نورِ وحدت کا نزولِ بیکراں
از زمیں تا آسماں جلوہ فشاں
اوّل و آخر کا ہر راز عیاں ؔ
وہ حقیقت ختم جس پر ہر گماں
نقش بَندِ صورتِ ناز و نیاز
درمیانِ بندہ و بندہ نواز
(نظم ’’قرآن پاک‘‘ سے ماخوذ)
یہ عجیب بات ہوئی کہ غزل کو ٹاٹ برادری باہر کرنے بلکہ گردن زدنی قرار دینے والے عظمت اللہ خاں، کلیم الدین احمد، احسن فاروقی اور جوشؔ ملیح آبادی وغیرہ کی جارحانہ اور غیر معروضی تحریروں کو میں نے بہت بعد میں پڑھا، لیکن غزل سے اغماض و اعراض برتنے کے معاملے میں غائبانہ طور پر میں کئی برسوں تک مذکورہ مخالفین غزل کا ہم خیال بنا رہا۔ لیکن مشاعروں کی سطحیت اور ہڑبونگ کے ساتھ ہی آزاد، معرّا اور نثری نظموں کے چلن سے میرے مزاج کی غنائیت، موزونیت اور طبیعت کی نازکی، مجروح ہونے لگی تھی۔ نثری نظمیں کُجا، مجھے تو غیر مردّف غزل بھی اس دلہن کی طرح لگتی ہے جس کی کلائیوں میں چوڑیاں نہ ہوں۔ بہر نوع نظم گوئی کے دَور میں ماہنامہ تحریک، ماہنامہ کتاب اور ماہنامہ ’شب خون‘ بھی پابندی کے ساتھ میرے مطالعہ میں آتے تھے۔ ان رسائل میں جدید شاعری، علی الخصوص نئی غزل سے مجھے برابر تحریک ملتی تھی اور محسوس ہوتا تھا جیسے نئی غزل میرے فکر و اسلوب میں پہلے سے رچی بسی ہوئی ہے، ڈھائی تین برسوں میں نظم نگاری سے چَھک جانے کے بعد جب ایک بار پھر میری طبیعت غزل گوئی کی طرف مائل ہوئی تو اس شدّ و مد کے ساتھ کہ دیگر اصناف شاعری گویا مجھ سے چھوٹ ہی گئیں۔ وہ جدیدیت کے فروغ اور اثر و نفوذ کا زمانہ تھا۔ ’شب خون‘ کے زیر اہتمام ’’نئے نام‘‘ کا اجراء عمل میں آ چکا تھا۔ جب میں نے اپنے اوائل کے منتخب اشعار کا ’’نئے نام‘‘ کے شعروں سے موازنہ کیا تو مجھے اس نتیجے پر پہنچنے میں دیر نہ لگی کہ اگر ۱۹۶۷ء سے قبل کئی برسوں تک میں غزل گوئی سے تائب نہ رہا ہوتا تو غزل کے نئے ناموں کی فہرست میرے نام کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی تھی۔ دراصل میری شاعری کی ابتدا ہی نئی غزل سے ہوئی تھی۔ ۱۹۶۴ء سے ما قبل کے میرے جدید اشعار جو ڈاکٹر مجاہد حسین حسینی کے موقر مضمون ’’راہی :فتح پور کا نیا فاتح‘‘ میں بطور حوالہ شامل ہیں، بہر کیف جب میں نے ایک بار پھر غزل کے درد کو دل سے لگایا تو کبھی جدا نہ کیا۔
ملال عالمیاں دم بہ دم دگر گون است
منم کہ مدّتے عمرم بہ یک ملال گزشت
(عرفیؔ)؟
اُستاذی نواب علی خاں گوہرؔ سے ۱۹۶۴ء میں مجھے شرف تلمذ حاصل ہوا تھا۔ آں جناب کو علامہ اثرؔ لکھنوی کا خواہر زادہ نیز تلمیذ خاص ہونے کا افتخار حاصل تھا۔ اصلاح کے ضمن میں اُستاذ کا وطیرہ یہ تھا کہ موصوف کلام سن کر موقع پر ہی اصلاح صادر کر دیا کرتے تھے۔ عمدہ شعر کو داد و تحسین سے نوازنے میں ذرا بھی بخل نہ کرتے تھے۔ اصلاحِ شعر کے علاوہ میں نے عروض میں ابھی اُستاذ سے حتی المقدور کسبِ فیض کیا ہے۔
شہر و ضلع فتح پور کو شعرو ادب اور تاریخ و تمدّن کا عظیم و قدیم گہوارہ ہونے کا شرف حاصل ہے۔ یہ ضرور ہے کہ یہاں کے سبھی ممتاز و مقتدر شعراء ادباء نقل مکانی کر گئے۔ ان میں سے راقم السطور کے علاوہ کسی ایک نے بھی دوبارہ فتح پور کا رُخ نہ کیا۔ مثال کے طور پر ڈاکٹر فرمان فتح پوری اور علامہ نیازؔ فتح پوری علی الترتیب ۱۹۵۰ء اور ۱۹۶۳ء میں پاکستان ہجرت کر گئے۔ ماسٹر عزیز الدین (ماشاء اللہ تا دم تحریر حیات ہیں ) نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ا نھوں نے ۱۹۳۷ء تا ۱۹۴۶ء مسلم ہائی اسکول کے دورِ معلّمی میں ڈاکٹر فرمان کو ریاضی کی تعلیم دی ہے۔ ۱۹۴۷ء میں فتح پور کے گورنمنٹ ہائی اسکول میں تقرری ہو جانے کے بعد ماسٹر عزیز الدین نے راقم السطور کو درجہ آٹھ تک ریاضی پڑھایا ہے۔ اس کے علاوہ نواب علی خاں گوہرؔ نے ہائی اسکول میں ڈاکٹر فرمان کو اور انٹر میڈیٹ میں راقم السطور کو اُردو کی تعلیم دی۔ لہٰذا ڈاکٹر فرمان فتح پوری سے میرا ’’استاد بھائی ‘‘ کا رشتہ اظہر من الشمس ہے۔ ڈاکٹر ابو محمد سحرؔ، ساکن موضع محی الدین پور (ضلع فتح پور) نے ۱۹۵۲ء میں بھوپال میں بود و باش اختیار کر لی تھی، وہیں ۲۰۰۲ء میں انتقال ہوا۔ ڈاکٹر مظفر حنفی ہسوی (ضلع فتح پور) ۱۹۶۰ء سے مدھیہ پردیش کے محکمۂ جنگلات میں بطور ہیڈ کلرک، قصبہ سیہور (بھوپال ) میں اقامت گزیں رہے، بعد ازاں جامعہ ملّیہ کے لکچرار ہو کر دہلی پہنچے تو وہیں کے ہو رہے۔ ڈاکٹر مجاہد حسین حسینی ساکن موضع کرہ سادات (ضلع فتح پور) ممبئی میں جابسے۔ وظیفہ یاب ہونے کے بعد انھوں نے کوسا، مُمبرا (ضلع تھانے ) میں سکونت اختیار کر لی۔ البتہ انھوں نے فتح پور کی آمد و رفت منقطع نہیں کی۔ فتح پور میں ہی ۱۹۶۵ء میں مجاہد حسین حسینی سے میری دوستی ہوئی تھی اور وقت کے ساتھ ہمارے دوستانہ مراسم میں خوش گواری آتی گئی۔ ۱۹۶۹ء میں پہلی بار مجاہد حسین حسینی کے ہمراہ میرا ممبئی جانا ہوا۔ اس وقت وہ ایم۔ ڈی کالج ممبئی میں شعبۂ اُردو و فارسی کے انچارج تھے، ساتھ ہی آرزوؔ لکھنوی پر پی۔ ایچ۔ ڈی کر رہے تھے۔ ممبئی کے ادبی حلقوں میں مجاہد حسینی کو عزّت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ انھوں نے ہی اعجاز صدیقی (مدیر شاعر) ظ۔ انصاری، باقر مہدی اور ندا فاضلی سے مجھے ملوایا تھا۔ اعجاز صدیقی (مرحوم) کی پُر خلوص دعوتِ طعام کا ذائقہ آج بھی میری زبان پر آ جاتا ہے۔
ڈاکٹر مظفر حنفی، میرے ہم جماعت، ہم سایہ اور(یارِ غار) بشارت حسین کے برادر نسبتی ہیں۔ بشارت حسین کی برات میں ہی مظفر حنفی سے ہسوہ میں میری علیک سلیک ہوئی تھی۔ دوسری ملاقات ۱۹۶۷ء میں ہوئی، جب وہ سیہور (بھوپال) سے فتح پور آئے تھے۔ ان کی آمد کے موقع کا ہمارا فوٹو گروپ(Photo Group) پروفیسر کرامت علی کرامتؔ کے رسالہ ’’شاخسار‘‘ میں شائع ہوا تھا۔ بھوپال کے مقبول شاعر واحدؔ پریمی میرے بہت اچھے قلمی دوست تھے۔ چنانچہ مظفرؔ حنفی اور واحد پریمی کے پُر خلوص بُلاوے پر میں نے ۱۹۶۷ء میں بھوپال اور سیہور کا سفر پہلی بار طے کیا تھا۔ بھوپال میں سب سے پہلے واحدؔ پریمی کے استاذ شفاء گوالیاری سے میری ملاقات ہوئی تھی۔ موصوف پیشے سے حکیم تھے اور گوالیار سے نقلِ مکانی کر کے بھوپال آ گئے تھے۔ واحدؔ پریمی نے ہی ’بھوپال پنچ‘‘ کے مدیر اور ’’پاندان والی خالہ‘‘ کے مصنّف تخلص بھوپالی جیسی باغ و بہار شخصیت سے مجھے ملوایا تھا۔ مظفر حنفی کی معیّت میں محویؔ صدیقی اور ابو محمد سحرؔ سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا تھا۔ محوی صدیقی، جو اس وقت پیرانہ سالی کے دن، تنہائی میں گزار رہے تھے، کبھی بابائے اُردو مولوی عبدالحق کے دستِ راست کہے جاتے تھے۔ سیہور میں مظفر حنفی کے یہاں کئی روز میرا قیام رہا۔ ان کی دوست داری نیز مہمان نوازی سے خوب خوب محظوظ ہوا۔
۱۹۶۷ء میں فتح پور ڈپو (Depot) کانپور زون (Zone) کی انتظامیہ سے چھوٹ کر الٰہ آباد ریجن (Region) کے دائرۂ اختیار میں آ گیا تھا۔ چنانچہ اہم محکمہ جاتی امور کو نمٹانے کی غرض سے میرا الٰہ آباد جانا ہوتا تھا، یہاں میرا عارضی قیام بھی رہا۔ شمس الرحمن فاروقی سے، ان کے آر۔ ایم۔ ایس (R.M.S.) کے آفس کے علاوہ اکثر ان کی رہائش گاہ اور شب خون کے دفتر میں نیاز حاصل ہو جاتا تھا۔ اسی دوران سیّد محمد عقیل رضوی (مدیر شب رنگ) سے بھی متعارف ہونے کا موقع ملا تھا۔ میری خواہش پر شمس الرحمن فاروقی نے اواخر ۱۹۶۹ء میں میرے اوّلین مجموعۂ کلام کا انتخاب بنظر غائر دیکھا تھا، اور اپنے ایک خط مرقومہ ۲۸/ ستمبر ۱۹۶۹ء میں مجموعے کے لیے متعدد نام تجویز کرتے ہوئے ’’لامکاں ‘‘ کو افضل اور اچھوتا نام قرار دیا تھا جس کو میں نے فوراً قبول کر لیا تھا۔ یہاں اس امر کی وضاحت کر دینا بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ ’’جی۔ ایم۔ راہی‘‘ کی جگہ پورا نام لکھنے کے (علی الترتیب) اعجاز صدیقی، ڈاکٹر ابو محمد سحر اور شمس الرحمن فاروقی کے صائب مشوروں پر میں نے ۱۹۶۷ء سے عمل کرنا شروع کر دیا تھا۔ فاروقی کی تجویز کے مطابق میں نے ’لامکاں ‘ میں صرف جدید غزلیں ہی شامل کی تھیں۔ ’لامکاں ‘ کی اشاعت ممتاز افسانہ نگار اور مقبول ماہنامہ ’کتاب‘ کے مدیر عابد سہیل کے مشہور ادارہ، نصرت پبلشرز لکھنؤ کے زیر اہتمام اوائل ۱۹۷۱ء میں (راقم السطور کے علی گڑھ پہنچنے کے چند ماہ بعد) عمل میں آئی تھی۔
بشیر بدرؔ محکمہ پولیس کے اہلکار کی حیثیت سے، فتح پور، الٰہ آباد اور سیتاپور کی بیش و کم بیس برسوں کی سرکاری ملازمت سے مستعفی ہو کر اعلیٰ تعلیم کے حصول اور درس و تدریس کے منصب و مرتبہ کے خواب کی تعبیر کی تلاش و جستجو میں ۱۹۶۷ء میں مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے کیمپس (Campus) میں داخل ہو گئے تھے۔ کوئی شک نہیں کہ پانچ نفور کی کفالت کرنے والے آدمی کے لیے یہ ایک بڑا جوکھم (Risk) تھا، جسے بشیر بدرؔ ہی اٹھا سکتے تھے۔ فتح پور میں بشیر بدرؔ کے خطوط مجھے ملتے رہتے تھے، جن میں عموماً راقم الحروف کی ذات اور اس کی شاعری سے تعلق خاطر کا اظہار ہوتا تھا۔ بشیر بدرؔ کے مکتوب مرقومہ ۲۵/ نومبر ۱۹۶۹ء کی مندرجہ ذیل تحریر ان کی عمر کی چغلی کھا رہی ہے
’’آپ کی بیماری کی خبر سن کر جی بجھ گیا۔ آپ بے وجہ اُداس ہوتے ہیں۔ انشاء اللہ آپ کو جلد صحت ہو گی۔ بھائی خوب خوش رہو۔ آپ کے کوئی اُداس ہونے کے دن ہیں۔ آپ مجھ سے کچھ نہیں تو دس سال چھوٹے ہوں گے۔ ‘‘
قارئین کرام! میرا سنہ پیدائش ۱۹۳۷ء ہے اور راقم السطور عمر میں بشیر بدرؔ سے دس برس نہیں تو آٹھ برس ضرور چھوٹا ہے، جس کے مطابق بشیر بدرؔ کا سال ولادت ۱۹۲۹ء قرار پاتا ہے (بشیر بدرؔ تو اپنے مکتوب میں ۱۹۲۷ء بتانا چاہتے ہیں) اس کے علی الرغم بشیر بدرؔ نے اپنے سوانحی کوائف مطبوعہ ماہنامہ ’’ایوان اُردو‘‘ دہلی، شمارہ اکتوبر ۱۹۹۸ء میں اپنا سنہ پیدائش ۱۹۳۵ء درج کیا ہے جو سراسر غلط ہے، کیونکہ فتح پور کے بعض دوسرے محلوں سے ہوتے ہوئے ۱۹۵۱ء میں جس وقت بشیر بدرؔ میرے پڑوس کے عبدالقدیر کے مکان میں کرایہ دار بن کر اترے تھے، ماشاء اللہ دو بچوں کے باپ بن چکے تھے، ساتھ ہی انھوں نے محکمۂ پولیس میں ملازمت کے تقریباً تین سال پورے کر لیے تھے۔ لہٰذا بشیر بدرؔ کی ولادت ۱۹۲۹ء یا بیش از بیش ۱۹۳۰ء میں ہونا ثابت ہے، ورنہ ’’ایوان اُردو‘‘ کے مطابق ۱۹۳۵ء میں تولد ہونے والے بشیر بدرؔ کا بارہ تیرہ سال کی صغر سنی میں ہائی اسکول پاس کر کے نابالغی میں ہی سرکاری ملازمت حاصل کر لینا اور ۱۹۵۱ء میں صرف سولہ برس کی عمر میں دو بچوں کا باپ بن جانا ممکن نہیں ہے۔ بہر نوع بشیر بدرؔ کے شعری کردار کی ساخت و پرداخت میں فتح پور کے سازگار ادبی ماحول، بالخصوص ان کے استاذ حامدؔ فتح پوری کا بہت اہم رول رہا ہے۔ بشیر بدرؔ کے اُستاد بھائی اور بزرگ شاعر طاہرؔ فتح پوری بتاتے ہیں کہ الٰہ آباد سے بھی بشیر بدرؔ کا کلام اُستاذی حامدؔ فتح پوری کو بذریعہ ڈاک بغرضِ اصلاح موصول ہوتا تھا۔ حاصل کلام یہ ہے کہ بشیر بدرؔ کی حیات اور کارناموں کا مطالعہ فتح پور میں اُن کی ابتدائے شاعری کے عرصۂ قیام کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر ہمیشہ ادھورا رہے گا۔
ہونہار بروا
فتح پور کے چودھری فتح اللہ کرمؔ اور سیّد وصی الدین قمرؔ نے اوائل عمری میں ہی غیر معمولی علمی استعداد حاصل کر لی تھی۔ دونوں میرے اچھے دوست تھے۔ فتح اللہ کرم کو نویں، دسویں درجے میں ہی اُردو اور انگریزی کا بہترین مقرر تسلیم کر لیا گیا تھا۔ ان کی انگریزی دانی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہائی اسکول میں ان کے پاس انٹر میڈیٹ کے ٹیوشن (Tuition) تھے۔ اکثر وہ کلاس میں انگریزی کے استاد کی اصلاح کر دیا کرتے تھے۔ اس گستاخی کا خمیازہ بھی انھیں ایک بار بھگتنا پڑا تھا۔ شعر بھی کہتے تھے۔ مگر سنجیدگی اور دل جمعی کے ساتھ نہیں۔ مسلم انٹر کالج فتح پور میں معلّم ہوئے اور چالیس بیالیس سال کی عمر میں اللہ کو پیارے ہو گئے۔
سیّد وصی الدین قمرؔ نے مسلم انٹر کالج سے انٹر میڈیٹ کا امتحان فرسٹ ڈویزن سے پاس کیا۔ بعد ازاں الٰہ آباد یونیورسٹی میں تعلیم پائی۔ ایم۔ اے (فارسی) کے سال اوّل میں یونیورسٹی کی آرٹ فیکلٹی (Faculty of Arts) میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ صد حیف کہ فتح پور کا یہ دانشور طالب علم ایم۔ اے کے دوسرے سال میں داغِ مفارقت دے گیا
’’حسرت ان غنچوں پہ ہے جو بن کھلے مرجھا گئے ‘‘
وصی الدین قمرؔ ایک وسیع المطالعہ طالب علم تھے۔ اپنی ذہانت اور عرق ریزی سے انھوں نے اُردو، انگریزی اور فارسی میں خاصی دستگاہ حاصل کر لی تھی۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ انھوں نے بی۔ اے میں ہی انگریزی کے مشہور شاعر کیٹس (Keats)کے متعلق ایک مبسوط مقالہ (A few pages on Keats)تحریر کیا تھا۔ اس مؤقر مقالے کو کتابچہ کی شکل میں الٰہ آباد کے مشہور مطبع مون لائٹ پریس نے شائع کیا تھا۔ قمرؔ کی اس مساعیِ جمیلہ کو الٰہ آباد یونیورسٹی کے اساتذہ نے بے حد سود مند قرار دیا تھا۔ قمرؔ کو استاذی نواب علی خاں گوہر سے شرف تلمّذ حاصل تھا۔ قمرؔ کی اُردو اور فارسی شاعری کا ایک مختصر قلمی نسخہ (بہ خطِ شاعر) مرحوم کے برادرِ خرد سیّد عزیز الدین عثمانی (کونسلر ہندوستانی سفارت خانہ) کی تحویل میں ہے۔ یہ قلمی نسخہ مرحوم کے سب سے چھوٹے بھائی سیّد حبیب الدین (عرف یوسف) کی وساطت سے میرے مطالعہ میں آ چکا ہے۔ اس میں شامل اُردو اور فارسی کے مندرجہ ذیل اشعار بطور مشتے نمونہ از خر دارے پیش ہیں
کچھ اس طرح نگاہ کرم ان کی پڑ گئی
آسان ہو گیا ستم روزگار بھی
جو بندۂ خو د نگر ہے اس کی
شجاعتوں کا کہاں ٹھکانہ
جو ہیں محوِ خوابِ غفلت میں انھیں جگا رہا ہوں
کبھی آہِ نیم شب سے کبھی نالۂ سحر سے
اسی عالم میں تھے کل دوسرے بھی
وہی دنیائے دوں ہے اور میں ہوں
فارسی کے اشعار:
نہالِ سرومی روید زمیں سرسبزمی گردد
بہر جا، می دمد لالہ، بہر جا، می بہار آید
ظلمت عالم محوِ نمودی
در شب ظلما، ماہِ درخشاں
وصی الدین قمرؔ بلاشبہ ہشت پہلو قلمکار بن کر ابھر رہے تھے۔ مذکورہ قلمی نسخے میں شامل 'H.W. Longfellow' کی مقبول نظم 'The Day is Done' کے رواں دواں منظوم ترجمہ سے قمرؔ کے اعلیٰ درجے کا مترجم ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ مرحوم کے لائق و فائق ہم وطن ہمدم و دمساز ’’محمود کے نام‘‘ (محمود الرحمن I.A.S. ) کی ایک نظم بھی قلمی نسخے میں درج ہے۔ دوست داری اور اخوت کے جوش و جذبے سے سرشار اس ولولہ انگیز نظم کا آخری شعر یہ ہے :
آؤ انوارِ حقیقت کی شعاعیں لے کر
ذرّۂ خاک کو رشک مہہ تاباں کر دیں
درا صل مذکورہ نظم ایک منظوم مخاطبہ ہے جس میں شاعر نے ایک محرّک اور Booster کا رول کیا ہے۔ نظم کی وجہ تخلیق یہ تھی کہ محمودالرحمن نے ۱۹۵۵ء میں فتح پور سے ہائی اسکول پاس کرنے کے بعد مرزا پور (یوپی) کے گورنمنٹ کالج میں انٹر بائیلوجی (Biology) میں داخلہ لے لیا تھا، لیکن جلد ہی جی اچاٹ ہو جانے سے تعلیم کا سلسلہ ترک کر کے واپس فتح پور آ گئے تھے۔ یہاں ان کے اعزاء و احباب بالخصوص قمرؔ کی ولولہ انگیز نظم سے متاثر ہو کر محمودالرحمن نے مسلم انٹر کالج میں انٹر آرٹس (Inter arts) میں داخلہ لے کر دل جمعی کے ساتھ اپنی تعلیم کو جاری رکھا۔ محمود الرحمن (I.A.S.) کشمیر میں ایڈیشنل چیف سکریٹری کے عہدۂ جلیلہ پر فائز رہے۔ سری نگر میں حضرت بل کی درگاہ سے جنگجوؤں کا پُر امن اخراج انھیں کی حکمت عملی اور سوجھ بوجھ کا نتیجہ تھا۔ لیکن اس مہم سے رونما ہونے والے نامساعد حالات کی وجہ سے ان کو مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے وائس چانسلر کا منصب تفویض کر دیا گیا تھا۔ موصوف کے بھانج داماد آصف نعیم صدیقی جو میرے ہم وطن دوست، میری شاعری کے مخلص مدّاح اور شمس الرحمن فاروقی کے بے مثل معترف اور عقیدت مند ہیں، وہ بھی حضرت بل کے واقعہ کے موقع پر کشمیر یونیورسٹی (سری نگر) کے شعبۂ فارسی میں لکچرار تھے، ان کو بھی مذکورہ ناگفتہ بہ حالات میں راتوں رات کشمیر یونیورسٹی سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی منتقل ہونا پڑا تھا۔
فتح پور میں غزل گوئی کی ابتدا سے ہی میری غزلیں شاعر، شب خون، کتاب، تحریک، آج کل، نیا دور، شعر و حکمت اور آہنگ جیسے معیاری رسائل کے وسیلے سے ملک اور بیرون ملک کے اُردو کے سنجیدہ ادبی حلقوں میں مقبول ہونے لگی تھیں۔ ساتویں دہائی کے میرے خاص قلمی احباب میں صادق، قیصر سرمست، رشید افروز، بانیؔ، ظہیر غازی پوری، عقیل شاداب، مصوّر سبزواری، عتیق اللہ، پرکاش فکری، نور پرکار قابلِ ذکر ہیں۔ میرے مجموعہ ہائے کلام ’’لامکاں ‘‘ (۱۹۷۱ء) اور ’’لاریب‘‘ (۱۹۷۳ء) کے ٹائٹل کورز ((Title Covers) علی الترتیب قیصر سرمست اور (ڈاکٹر) صادق کے ڈیزائن کیے ہوئے ہیں۔ ’’حرف مکر ر‘‘ (۱۹۹۷ء) اور ’’لاکلام‘‘ (۲۰۰۰ء) کے کور ڈیزائینس (Cover designs) بھی میرے احباب (بالترتیب) احتشام صدیقی اور شکیل گوالیاری کا عطیہ ہیں۔
فتح پور کے میرے دوسرے قیام(۱۹۶۴ء تا ۱۹۷۰ء) میں یہاں کے شاعروں، ادیبوں اور افسانہ نگاروں میں رسائل کے وسیلے سے منصۂ شہود پر آنے کا زبردست جوش و خروش تھا۔ مقامی ادبی فضا خوشگوار تھی۔ نوجوان اور نو آموز قلمکار اپنے بزرگوں اور پیش روؤں کا ادب و لحاظ کرتے تھے، نیز تا بمقدور ان سے اکتسابِ فیض کرتے تھے۔ عمائدینِ شہر میں عبدالرؤف خاں (ایڈوکیٹ) سعید احمد مدنی (ایڈوکیٹ) نواب فیاض حسین (ایڈوکیٹ) اور سیّد متین الدین عثمانی (ایڈوکیٹ) نہ صرف یہ کہ ضلع کے سرکردہ اور مشہور قانون داں تھے بلکہ سخن شناس اور ادب نواز شخصیتوں میں بھی خصوصیت کے ساتھ شمار کیے جاتے تھے۔ عبدالرؤف خاں سابق (ایم ایل اے ) چیرمین میونسپل بورڈ اور مسلم انٹر کالج کے قابل منیجر تھے۔ جہاں وہ ہر سال مشاعرے کا اہتمام کرتے تھے۔ ۱۹۶۸ء کے یوم آزادی کے موقع پر میونسپل بورڈ کے کشادہ ہال میں منعقدہ مشاعرے میں اعلیٰ ادبی ذوق کے حامل میرے ہم نام ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (D.M.) بھی تشریف فرما تھے۔ جب میں کلام پیش کرنے ڈائس (Dais)پر پہنچا تو عبدالرؤف خاں نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (غلام مرتضیٰ) کی خصوصی توجّہ میری جانب مبذول کرائی۔ موصوف نے میری نظم ’’اے میرے وطن‘‘ کو اشتیاق و انہماک سے سنا اور سیرابیِ ذوق کا لطف اُٹھایا۔ نظم کے بعض بند مکرّر پڑھوائے۔ ان دنوں میرے والد کے مکان پر ایک کانسٹبل (Constable) مقدمہ ہار جانے کے باوجود بطور کرایہ دار بدستور قابض تھا۔ محکمۂ پولیس سے تخلیہ میں مدد کے بجائے طرح طرح کی دھمکیاں مل رہ تھیں۔ مشاعرے کے اگلے روز میرے فاضل ہم مکتب سیّد احمد (ایڈوکیٹ) نے مجھے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے رجوع کرنے کی صلاح دی۔ زور دے کر کہا کہ ایک تو ڈی ایم ادیب اور ادب نواز ہیں، اس پر تمھارے کلام کا خوشگوار تاثر مستزاد ہے۔ یعنی سونے پر سہاگا۔ لہٰذا میں اسی دن اپنے ہم نام ڈی ایم کے بنگلہ پر جا پہنچا۔ موصوف نے از راہِ شفقت مجھ سے بیٹھنے کو کہا، میرا پیشہ اور استاذی کا نام پوچھا، اور میرے والد کے مکان کے تخلیے کا عدالتی حکم ملاحظہ کیا اور اسی وقت ٹیلی فون پر سپرنٹنڈنٹ پولیس(S.P.) سے عدالت کی مسلسل حکم عدولی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا، ساتھ ہی مکان کے تخلیہ کو فی الفور یقینی بنانے کی ہدایت دی، چنانچہ ڈی۔ ایم کے حکم کی بجا آوری کے نتیجے میں اگلے روز علی الصبح میرے والد کے مکان (واقع محلہ پنی ) میں میرا تالا پڑ گیا۔ شعر و شاعری کا مجھ پر یہ پہلا فیضان تھا۔
مولانا نیازؔ فتح پوری کی رحلت کے بعد اکتوبر ۱۹۶۶ء میں راقم السطور نے ایک یادگار جلسہ و شعری نشست کا اہتمام کیا تھا۔ محلہ خیل دار میں میرے کرایہ کے مکان سے متصل سعید احمد مدنی (ایڈوکیٹ) کے دفتر کے وسیع برآمدہ و صحن میں اس تقریب کا انعقاد عمل میں آیا تھا۔ سعید احمد مدنی کو اُردو، انگریزی اور فارسی کے ادب سے خاصا شغف تھا۔ مذکورہ شعری نشست کے انتظام و انصرام اور اس کی کامیابی کو یقینی بنانے میں انھوں نے ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کیا تھا۔ علامہ نیازؔ فتح پوری کو بطور خراج عقیدت پیش کی گئی، منظومات میں محمد اخلاق (م۔ اخلاق) کی نظم ’سارے اصناف ادب پر تیرے جوہر بے مثال(مطبوعہ شاعر و انشاء) اور راقم السطور کی نظم ’کاشانۂ نیاز فتح پوری (مطبوعہ شاخسار) کو بر صغیر کے ادبی حلقوں میں بنظر استحسان دیکھا گیا تھا۔ مقامی شعراء میں نیاز احمد شمیم اور محمد طاہر فتح پوری کے یہاں اکثر شعر و شاعری کی محفلیں آراستہ ہوتی تھیں۔ نیاز احمد شمیم کو شاد عظیم آبادی کا تلمیذ ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔
ایک صوفی مَنِش
سید ریاض احمد عرف ریاض بابو شہر کے ایک ممتاز صوفی مَنِش بزرگ تھے۔ ان کے مورثِ اعلیٰ سیّد شاہ ہیبت اللہ ضلع فتح پور کے قصبہ گونتی کے بیرون میں واقع ایک وسیع ٹیلا پر مع اہل و عیال سکونت پذیر ہوئے تھے۔ ان کے اسم کی مناسبت سے اس جگہ کا نام ہیبت پور مشہور ہوا۔ موضع ہیبت پور جو شہر فتح پور سے تقریباً ۴۵ کلو میٹر کے فاصلے پر بسا ہوا ہے، ڈاکٹر فرمان فتح پوری کا مولد و وطن ہے۔ سیّدریاض احمد نے بی۔ اے تک تعلیم حاصل کی تھی۔ اُردو، فارسی اور انگریزی سے اچھی طرح واقف تھے۔ اُردو اور فارسی پر مشتمل موصوف کا کلام تین جلدوں میں شائع ہو چکا ہے۔ گریجویشن کے بعد ریاض بابو ریلویز (Railways) میں ملازم ہو گئے تھے۔ ۱۹۲۹ء میں وہ فتح پور کے پاس فیض اللہ پور ریلوے اسٹیشن پر تعینات تھے۔ دریں اثناء فتح پور کے روشن ضمیر اور ملک گیر شہرت یافتہ صوفی سیّد شاہ نجم الدین ولی اللہ کے آستانہ پر ریاض بابو کی حاضری ہوئی۔ شاہ صاحب نے ایک نظر میں اس دُرِّ نایاب کو پہچان لیا اور سینے سے لگا کر روحانی تصرّفات سے معمور کر دیا۔ پھر تو ریاض بابو اپنے پیر و مرشد کی کرشماتی جذب و کشش میں ایسا گرفتار ہوئے کہ فنا فی الشیخ ہو کر فتح پور کے ہو رہے۔ حتّیٰ کہ انھیں اپنی ملازمت اور گاؤں کی زمین جائداد کا ہوش نہ رہا۔ ان کے ایک مشہور قصیدہ ’’شانِ مرشدی‘‘ کا مطلع ملاحظہ ہو:
سلامٌ علیک اے شہہ نجم دینم
کہ زیر قدوم تو، من جاگزینم
سیّد شاہ نجم الدین کے وصال (۱۹۳۶ء) کے بعد ریاض بابو نے اپنے مکان محلہ سیّد واڑہ کی نشست گاہ(آستانہ) میں عبادت و ریاضت و رشد و ہدایت، تصنیف و تالیف اور خدمتِ خلق میں بقیہ عمر گزار دی۔ راقم التحریر نے ۱۹۶۶ء میں ہم محکمہ محمد غفران کی تحریک پر پہلی بار ریاض بابو کے آستانہ پر حاضری دی تھی۔ تب تک موصوف بصارت سے یکسر محروم ہو چکے تھے، لیکن میرے سلام کے جواب میں انھوں نے کہا تھا ’ اچھا راہیؔ صاحب آئے ہیں ؟‘ میرے ’’جی ہاں ‘‘ کہنے کے بعد انھوں نے میرا کلام سننے کا اشتیاق ظاہر کیا، جس کی میں نے فوراً تعمیل کر دی۔ پھر انھوں نے محمد غفران سے کہا کہ ان کی (ریاض بابو کی) فلاں نعت ترنم سے پیش کریں۔ نعت طویل تھی، درمیان میں جب محمد غفران کا گلا بھر بھرا نے لگا تو ریاض بابو نے جلدی سے میری طرف پیٹھ کر کے چبائی ہوئی کوئی خوشبودار چیز (غالباً گٹکا) اُگل کر محمد غفران کی طرف بڑھا دی جسے غفران نے نہایت عقیدت اور رغبت کے ساتھ منھ میں ڈال لیا۔ واللہ اعلم وہ کیا چیز تھی کہ اس کی زود اثری سے محمد غفران کے گلے کی بھربھراہٹ گویا کافور ہو گئی۔ محمد غفران خوش گلو تھے اور وہ ریاض بابو کا طویل ترین کلام بھی روانی کے ساتھ پڑھ جایا کرتے تھے جب کہ محمد غفران سل (T.B.) کے مہلک مرض میں عرصۂ دراز سے مبتلا تھے۔ اکثر خون تھوکا کرتے تھے۔ آخر کار علاج و معالجہ سے مایوس ہو کر ریاض بابو کے ارادت مندوں اور مریدوں کے حلقے میں عافیت گزیں ہو گئے تھے۔ آپ اسے اعجاز کہیں یا کوئی اور نام دیں مگر یہ بات بالکل سچ ہے کہ اپنے پیرو مرشد کی اُگلی ہوئی نامعلوم چیز کو چبا چبا کر اور ان کے کلام کو میلادوں اور نعتیہ مشاعروں میں پڑھ پڑھ کر محمد غفران ایسے شفا یاب ہوئے کہ بڑھاپے میں دوسری شادی رچائی اور عمر طبعی کو پہنچ کر انتقال کیا۔
۱۹۶۶ء میں ہی ریاض بابو کے مثانہ کی پتھری کا آپریشن تجویز ہوا۔ صدر اسپتال کے ڈاکٹر لائل (Dr. Loyal) اُن کے سرجن تھے۔ لیکن ریاض بابو کا اصرار تھا کہ آپریشن کے لیے انھیں بے ش نہ کیا جائے۔ ان کا جواز تھا کہ ان کا جسم فنا فی الشیخ ہو چکا ہے، لہٰذا اب اینستھیزیا (Anaesthesia) اس پر مستزاد کیوں ؟ علاوہ ازیں انھوں نے اپنے خون میں کسی طرح کی آمیزش کرنے سے بھی منع کر دیا۔ بالآخر ریاض بابو کے منشاء کے مطابق ان کے مثانے کا آپریشن عمل میں آیا، لیکن کیا مجال کہ ان کے ماتھے پر شکن بھی آئی ہو۔ آپریشن کا کمرہ (Operation theatre) شیشے کی اونچی اونچی کھڑکیوں سے بند تھا، جن سے اُچک اُچک کر لوگ اندر جھانک رہے تھے۔ میں نے بھی پنجوں کے بل کھڑے ہو کر صبر و تحمّل کے اس پیکر کو ایک نظر دیکھا تھا۔ میرے سامنے اُس دَور کی جرّاحی کے عمل کا منظر تھا جب کلوروفارم (Chloroform) کی ایجاد نہیں ہوئی تھی۔ ریاض بابو کے خاص الخاص اور شاید سب سے چہیتے مرید (میرے ہم جماعت)محمد متین ایڈوکیٹ(سابق چیرمین میونسپل بورڈ) بتاتے ہیں کہ ریاض بابو کے آپریشن کے گہرے زخم کو دو تین دنوں میں ہی مندمل ہوتا دیکھ کر ڈاکٹر لائل نے تحیّر آمیز لہجے میں چیخ کر کہا تھا کہ یہ تو سراسر کرشمہ (Miracle) ہے جسے وہ پہلی بار کسی مریض میں ملاحظہ کر رہے ہیں۔ میں اکثر ریاض بابو کے آستانہ پر حاضر ہوتا تھا، لیکن میں ان سے حاجت روائی کا خواستگار کبھی نہیں ہوا۔ ریاض بابو تعلیم یافتہ، سخن فہم اور نغز گو شاعر تھے، یہی تعلق خاطر مجھے اکثر ان کے یہاں کھینچ لے جاتا تھا۔ موصوف فرمائش کر کے میرا تازہ کلام سنتے تھے اور تحسینی کلمات کے ساتھ ہی روشن مستقبل کی بشارت سے مجھے نوازتے تھے، جس سے طمانیت کی عجیب سی کیفیت مجھ پر طاری ہو جاتی تھی۔ ریاض بابو ۷۸ سال کی عمر کو پہنچ کر ۱۹۶۷ء میں واصل بحق ہوئے۔ میں ان کی تجہیز و تکفین میں شریک تھا۔ مسلم انٹر کالج کی عربی شاخ کے صدر مولوی محمد اسحاق کی تجویز کے مطابق ریاض بابو کو ان کے بیرونِ آستانہ دفن کیا گیا۔ مرحوم کے صاف شفاف سینے پر عبادت و ریاضت کے نور کا ہالہ سا جھلکتا ہوا دیکھا جاسکتا تھا۔
’’زمیں کھا گئی آسماں کیسے کیسے ‘‘
مرزا غالبؔ براہ فتح پور
فتح پور کے تاریخ و تمدّن اور ادب کے بارے میں بالخصوص مولانا نیازؔ فتح پوری، ڈاکٹر فرمان فتح پوری اور ڈاکٹر اوم پرکاش اوستھی نے تفصیل کے ساتھ خامہ فرسائی کی ہے، لیکن یہ اہم انکشاف کسی نے نہیں کیا کہ کلکتہ کے سفر میں مرزا اسد اللہ خاں غالبؔ کا گزر فتح پور سے ہُوا تھا۔ آنجہانی کالی داس گپتا رضا کی تصنیف ’چار توقیتیں ‘ (۱۹۹۹ء، صفحہ۔ ۸۱) کے بموجب کانپور سے باندہ کے لیے مرزا غالب کی روانگی ۲۷/ یا ۲۸ / جون ۱۸۲۷ء کو عمل میں آئی تھی۔ اس ضمن میں احسان آوارہؔ (ساکن باندہ) اپنے مؤقر تحقیقی مقالہ ’’غالب اور بندیل کھنڈ‘‘ میں رقم طراز ہیں ’’ مرزا غالبؔ کانپور سے فتح پور آئے اور بذریعہ سیج (دو منزلہ اُونٹ گاڑی) شام ۲/ جولائی ۱۸۲۷ء کو فتح پور سے (۲۵ کوس یا ۵۰ میل یا ۷۵ کیلو میٹر) چل کر باندہ ۳! جولائی ۱۸۲۷ء کو پہنچے۔ مرزا غالبؔ کے فارسی خطوط کے مجموعہ ’نامہ ہائے فارسی‘ مرتّبہ سیّد اکبر علی ترمذی ۱۹۶۹ء سے پتہ چلتا ہے کہ (باندہ میں ) گاڑیوں کے اڈہ پر میر کرم علی ملازم نواب باندہ مرزا غالبؔ کو ملے اور وہ انھیں مولوی محمد علی خاں صدر امین باندہ کے پاس لے گئے، ملحوظ خاطر رہے کہ اس زمانے میں کانپور سے فتح پور تک جی ٹی روڈ اور فتح پور سے باندہ، ساگر روڈ، سب سے سیدھی اور آرام دہ شاہراہ تھی۔ احسان آوارہ کی تحقیق کے مطابق ایک دو منزلہ اونٹ گاڑی (سیج) فتح پور سے شام کو روانہ ہو کر درمیان میں جمنا ندی کو کشتیوں کے پُل سے پار کرتی ہوئی چلّہ تارہ (قصبہ) سے باندہ اگلے دن پہنچ جایا کرتی تھی۔ باندہ سے واپسی میں خود مرزا غالبؔ نے چلّہ تارہ کی سرائے سے مولوی محمد علی خاں صدر امین باندہ کو لکھے اپنے ایک خط میں بذریعہ سیج فتح پور جانے کا ذکر کیا ہے ’’اگر حیات باقیست بسیج راہ فتح پور کردہ خواہد شد‘‘ (بحوالہ کلیات نثر غالب ؔ(۱۸۷۴ء) مشمولہ پنچ آہنگ صفحہ۔ ۱۶۴، در مطبع نول کشور، بہ طبع) شہر فتح پور کے سب سے معمّر شاعر وحید الدین خاں متین (ماشاء اللہ عمر کی اٹھّاسی بہاریں دیکھ چکے ہیں ) نے راقم السطور کے استفسار کے جواب میں اپنے بچپن کے سن رسیدہ اعزاء و اقرباء کے حوالہ سے مذکورہ سیج (دو منزلہ اونٹ گاڑی) کے چلن کی تصدیق کی ہے۔ احسان آوارہؔ کی تحقیق کے مطابق انگریزوں نے کانپور چھاؤنی کو باندہ چھاؤنی سے منسلک کرنے کی غرض سے فتح پور تک جانے کے لیے باندہ سے براہ چلّہ تارہ، ایک پختہ سڑک کوٹے ہوئے (کچّے ) پتھروں کی تیار کی تھی۔ آج بھی یہی واحد سڑک ہے۔
کانپور سے باندہ کا سفر ہمیر پور، مودھا، کبرئی (مہوبا۔ باندہ روڈ) سے ہو کر بھی طے کیا جاسکتا ہے۔ لیکن یہ راستہ مقابلتاً پینتیس کلو میٹر لمبا ہونے کے علاوہ ٹیڑھا میڑھا (Zigzag) اور دشوار کن ہے۔ علاوہ ازیں مرزا غالبؔ کے زمانے میں اس راستے میں پڑنے والی جمنا، بیتوا اور کین جیسی پاٹ دار اور تیز طرار ندیوں کو چھوٹی موٹی کشتیوں سے پار کرنا جان جوکھم میں ڈالنا تھا، بندیل کھنڈ سے گزرنے والا یہ راستہ تب بہت مسدود اور پر خطر بھی تھا، سفر کے ذرائع بھی اگر مفقود نہیں تو محدود یقیناً رہے ہوں گے۔ آخیر میں سَو بات کی ایک بات یہ ہے کہ چلّہ تارہ سرائے جس کا ذکر مرزا غالبؔ کے محولہ بالا خط میں آیا ہے، مذکورہ راستے میں دُور دُور تک واقع نہیں ہے۔ لہٰذا کوئی شک نہیں کہ مرزا غالبؔ کانپور سے باندہ براہ فتح پور آئے گئے تھے۔
علی گڑھ کا تبادلہ
علی گڑھ کے لیے میرے تبادلہ کے احکام ۱۹۶۹ء میں لکھنؤ سے جاری ہوئے تھے مگر الٰہ آباد کے ریجنل منیجر (R.M.) نے مجھے ایک سال تک Relieve نہ کیا۔ آخر کار ۲ ! ستمبر ۱۹۷۰ء کو سبک دوش ہو کر ۸! ستمبر ۱۹۷۰ء کو میں نے پہلی بار علی گڑھ کی سر زمین پر قدم رکھّا۔
علی گڑھ میں بشیر بدرؔ کے علاوہ میرا کوئی ملاقاتی نہیں تھا، البتہ ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی کے نام شمس الرحمن فاروقی کا ایک رقعہ میرے پاس تقویت کے لیے ضرور تھا، اسے لے کر میں اُسی شام مسلم یونیورسٹی کے کیمپس (Campus) میں واقع خلیل الرحمن اعظمی کے کوارٹر نمبر ۳۳۔ ذا کر باغ جا پہنچا۔ موصوف انتہائی شفقت اور خوش دلی کے ساتھ مجھ سے پیش آئے۔ سیدھے، سچّے، سادگی کے پیکر، مرنجاں مرنج اور پُر کشش شخصیت کے حامل، چہرے پر علم و دانش کی رمق، باتوں میں خلوص اور اپنائیت کی شہد جیسی مٹھاس، محبت سے مجھے بٹھایا تواضع کی۔ پھر بولے چلیے یونیورسٹی، اسٹاف کلب چلتے ہیں۔ وہاں ڈاکٹر وحید اختر اور شہر یار سے ملوایا۔ موصوف سے میں نے بتا دیا تھا کہ میرے قیام و طعام کا انتظام میرے ایک شریک کار کے یہاں ہو گیا ہے۔ چلتے وقت انھوں نے اگلے روز اُردو ڈپارٹمنٹ میں آنے کو کہا۔ اگلے روز کے بعد تو آرٹس فیکلٹی (Faculty of Arts) میں پابندی کے ساتھ میری آمد و رفت ہونے لگی، حتیّٰ کہ بادی النظر میں طلباء میں شامل ہو گیا۔ رفتہ رفتہ پروفیسر آل احمد سرور، ڈاکٹر اسلوب احمد انصاری، پروفیسر ساجدہ زیدی، پروفیسر زاہدہ زیدی، ڈاکٹر وارث کرمانی سے شرفِ نیاز حاصل ہوا۔ ریسرچ اسکالروں اور طلباء میں شمیم حنفی، ابوالکلام قاسمی، فیّاض رفعت، اسعد بدایونی، اصغر عبّاس، صلاح الدین پرویزؔ، امیر عارفی، شمسی طہرانی، فوق کریمی، معظّم علی، احتشام اختر، شہاب الدین عراقی، شہپر رسول، مرزا خلیل بیگ وغیرہ سے ملاقاتیں ہوئیں اور آہستہ آہستہ نزدیکیاں بڑھیں۔ منظور ہاشمی سے بھی اسی دوران تعلقِ خاطر استوار ہوا۔ وہ یونیورسٹی کی لائبریری میں ملازمت کرتے تھے۔ ان کے والد سید اطہرحسین اطہرؔ صاحبِ دیوان شاعر تھے۔ اسعدؔ بدایونی کے اوّلین مجموعۂ کلام ’’دھُوپ کی سرحد‘‘ (۱۹۷۷ء) میں راقم کا پیش لفظ شامل ہے۔ پروفیسر مسعود حسن ذوقی، پروفیسر خورشید الاسلام، ڈاکٹر اختر انصاری اور نسیم قریشی ہر چند کہ وظیفہ یاب ہو چکے تھے لیکن ان سے ملنے کا اشتیاق اکثر مجھے ان کے یہاں لے جاتا تھا۔ تمامی حضرات میری غزلوں کو بنظر استحسان ملاحظہ کرتے نیز اس امر کا برملا اظہار کرتے تھے۔ شعبۂ اُردو کی شعری نشستوں اور سیمناروں میں مجھے پابندی کے ساتھ مدعو کیا جاتا تھا۔ دیگر شعبوں اور ہاسٹلوں کے ادبی نیز کلچرل پروگراموں میں بھی مجھے یاد کیا جانے لگا تھا۔
بشیر بدرؔ نے امتیازی پوزیشن سے ایم۔ اے پاس کرنے کے بعد پروفیسر آل احمد سرور کی نگرانی میں پی ایچ۔ ڈی کی تیّاری شروع کر دی تھی’’ آزادی کے بعد اُردو غزل ‘‘ ان کا موضوع (Topic) تھا، انھوں نے اپنے تحقیقی مقالہ(Thesis) میں راقم کا نام و کلام بھی شامل کیا تھا۔ بشیر بدرؔ، مع اہل و عیال، مُزمّل منزل کے احاطہ میں واقع ملازمین کے کوارٹروں میں سے ایک میں رہائش پذیر تھے۔ یہیں تیرہ، چودہ برسوں کے بعد بشیر بدرؔ سے میری ملاقات ہوئی تھی۔ شہر یارؔ ان دنوں انجمن ترقی اُردو (ہند)کے دفتر واقع سلطان منزل میں لٹریری اسسٹنٹ (Literary Assistant) کے بطور ملازم تھے۔ فیلو شپ ملنے پر سبک دوش ہو گئے تھے لیکن فیلو شپ کا وقفہ ختم ہونے پر دوبارہ انجمن جوائن کر لی تھی۔ لکچرار بننے کے بعد تقریباً دو سال تک بغیر معاوضہ انجمن کے فرائض انجام دیتے رہے۔ پروفیسر آل احمد سرور ؔ انجمن ترقی اُردو (ہند) کے سکریٹری تھے۔ اس کے بعد خلیق انجم سکریٹری مقرر ہوئے۔ دہلی میں انجمن کی عمارت تعمیر ہو چکی تھی، چنانچہ انجمن کا دفتر دہلی منتقل ہو گیا۔ دفتر کی منتقلی کے سلسلے سے خلیق انجم کئی بار علی گڑھ آئے، ان سے میری ملاقات ہوتی تھی۔
علی گڑھ پہنچتے ہی یہاں کی تین عدد سب سے مشہور چیزیں جن کے نام ’’میم‘‘ سے شروع ہوتے تھے، مجھے بتا دی گئی تھیں۔ (۱) مچھر (۲) مٹری(بسکٹ کی ایک قسم) اور (۳) مسلم یونیورسٹی۔ ہوا بھی کچھ ایسا ہی کہ علی گڑھ کے دبنگ مچھروں نے کاٹ کاٹ کر چند دنوں میں ہی مجھے ملیریا کا مریض بنا دیا۔ کچھ آب و ہوا کی تبدیلی نے بھی اثر دکھایا۔ بخار نے طول کھینچا تو طبیہ کالج کے انچارج حکیم حاذق افہام اللہ جو میرے دفتر واقع پہاسو ہاؤس سے ملحق اَنونا ہاؤس میں پرائویٹ مطب کرتے تھے، ان سے رجوع کیا۔ حسنِ اتفاق سے موصوف کی قرابت داری فتح پور میں بھی نکلی۔ مجھے تن تنہا اور بے یار و مددگار پا کر انھوں نے طبّیہ کالج کے ہسپتال میں داخل کر لیا۔ ان کے التفات اور خصوصی توجّہ کے سبب علاج و معالجہ کے علاوہ ادویات نیز پھلوں کی مجھے ذرا بھی کمی محسوس نہ ہوتی تھی۔ بخار کی وجہ سے میرا کھانا بند تھا، لیکن میں تیزی سے شفا یاب ہو رہا تھا۔ بشیر بدرؔ، احتشام اختر اور شہاب الدین عراقی ہر شام میری عیادت کو آتے تھے۔
سرائے رحمان کے شاعر
بہت جلد علی گڑھ کے قدیمی محلہ سرائے رحمن میں احمد حسین ڈپٹی رجسٹرار (ایم۔ یو) کی ’’احمد منزل‘‘ میں مجھے چھوٹا سا فلیٹ کرایہ پر مل گیا۔ ’’احمد منزل‘‘ کے دوسرے فلیٹوں (Flats) میں مسلم یونیورسٹی کے مظہر حسین نیازی، مبین اشرف، حبیب احمد اور شمیم احمد مع اہل و عیال قیام پذیر تھے۔ میری اہلیہ بھی کانپور سے آ گئی تھیں۔ تمامی کرایہ دار ہم عمر اور ہم مزاج تھے اس لیے جلد ہی آپس میں شیر و شکر ہو گئے۔
سرائے رحمن میں اوّل اوّل خلیل الرحمن اعظمی اور شہر یار کی بھی رہائش تھی۔ سرائے رحمان سے گزرنے والے نالے کے بغیر اس محلّے کا تصوّر آج بھی محال ہے۔ بزرگ شاعر غوث محمد غوثی اور امانت اللہ اسیرؔ دونوں سرائے رحمان کے مستقل باشندہ نیز میرے پڑوسی تھے۔ غوث محمد غوثی کے تین عدد شعری مجموعے طبع ہوئے۔ علی گڑھ کے گورنمنٹ پریس سے بطور دفتری وظیفہ یاب ہوئے تھے۔ مجھ سے برادر بزرگ کی طرح سلوک کرتے تھے۔ مطالعہ کا بھی انھیں شوق تھا۔ میرے پاس آنے والے رسائل بالخصوص ’’شب خون‘‘ ’’تحریک ‘‘ اور ’’کتاب‘‘ سے پابندی کے ساتھ استفادہ کرتے تھے۔ غوثیؔ کے آٹھویں دہے کی غزلوں میں جدید رنگ و آہنگ مذکورہ رسائل کے مطالعہ اور راقم کی صحبت کا ہی فیضان ہے۔ غوثیؔ ایک باخبر شاعر تھے۔ لیکن اپنی جدید رنگ و آہنگ کی غزلوں کے متعلق اکثر مجھ سے مشورہ کرتے تھے۔ ان کے اوّلین مجموعۂ کلام ’’عکس آئینہ‘‘ (۱۹۸۵ء) کا انتخاب میر ادیکھا ہوا ہے۔ ’’عکسِ آئینہ‘‘ میں اس کا ذکر موجود ہے۔ غزلیات کا یہ مجموعہ پروفیسر قاضی عبدالستّار، ڈاکٹر وحید اختر، ڈاکٹر گوپی چند نارنگ اور ڈاکٹر مظفر حنفی کے رشحات قلم سے آراستہ پیراستہ ہے۔ غوث محمد غوثی کے دوسرے مجموعے ’’دھنک لہجے کی‘‘ (۱۹۹۱ء) میں قاضی عبدالستّار رقم طراز ہیں کہ :
’’ جذبیؔ اور اختر انصاری کے بعد علی گڑھ کے تیسرے بڑے شاعر کا نام غوث محمد غوثیؔ ہے ‘‘۔
سرائے رحمن کے دوسرے بلند بانگ شاعر بزرگ شاعر امانت اللہ اسیرؔ جملہ اصناف شاعری پر قدرت رکھتے تھے۔ ان کے مجموعۂ کلام ’’صدائے عرش گیر‘‘ (۱۹۹۲ء) میں شامل غزلوں اور نظموں کے علاوہ چوبیس اوزان میں کہی ہوئی رباعیات، رباعی جیسی مشکل صنفِ سخن پر ان کی کامل دسترس ظاہر کرتی ہیں۔ مجموعے میں ’’میں اور میری شاعری‘‘ کے ذیل میں اسیرؔ کے تیس(۳۰) صفحوں کے مضمون سے ان کے صاحبِ طرز انشاء پرداز ہونے کے علاوہ ان کی تخلیقی، تنقیدی اور تحریری لیاقت اور بصیرت کا ثبوت ملتا ہے۔ ایک اور بزرگ تاریخ گو شاعر ثمرؔ چھتاروی سرائے رحمن سے متّصل، چھتاری کمپاؤنڈ میں اقامت گزیں تھے۔ راقم الحروف سے مشورۂ سخن کرتے تھے۔ رسل گنج میں ڈاکٹر حنیف کے دوا خانہ میں کمپاونڈر تھے، دوسرے کمپاونڈر کا نام انوار احمد تھا، ڈاکٹر حنیف کے انتقال کے بعد دونوں کمپاونڈر آزادانہ مطب کرنے لگے تھے۔ ثمرؔ چھتاروی محب اُردو بلکہ مجاہد اُردو تھے۔ انھوں نے اُردو ادب کی نشر و اشاعت اور با ذوق قارئین کے سیرابیِ ذوق کے لیے ایک وقیع کتب خانہ قائم کر رکھا تھا۔ علاوہ بریں ادارہ اُردو ادب اور اُردو بورڈ(رجسٹرڈ) کے بانی و سکریٹری تھے۔ جامعہ اُردو علی گڑھ کے طرز پر اُردو بورڈ کے سالانہ امتحانات کا اہتمام کرتے تھے۔ امتحانات کے مراکز ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں قائم تھے۔ جامعہ اُردو کی طرح امتحانات کے درجات متعیّن تھے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو اسناد بہم پہنچائی جاتی تھیں۔ ادارے کے تمام معاملات میں مجھ سے مشورہ کرتے تھے، یہاں تک کہ پرچہ سازی اور ممتحن کے فرائض کی ادائیگی بھی اکثر مجھے کرنا پڑتی تھی۔ لیکن ثمرؔ چھتاروی کے پیہم اصرار کے باوجود میں نے کبھی محنتانہ قبول نہیں کیا۔ ایک اور استاد نیز عروض پر کامل قدرت رکھنے والے بزرگ شاعر رمزؔ آفاقی گنّوری بھی سرائے رحمن میں بیشتر غوثیؔ کے یہاں اور اکثر میرے یہاں نظر آتے تھے۔ غوثیؔ نے انھیں بزرگ سے عروض کی شُد بُد حاصل کی تھی۔
علی گڑھ کا قدیمی اور تاریخی محلہ بالائے قلعہ (اَپر فورٹ) کا اسکائی لارک ریسٹورانٹ (Skylark Restaurant) شہر اور یونیورسٹی کے شعراء و ادباء کی پسندیدہ آماجگاہ بنا ہوا تھا۔ اسی ریسٹورنٹ میں علی گڑھ کے مسلم الثبوت استاد شاعر مختار ہاشمی اور ان کے تلمیذ خاص جدید شاعر جمنا پرشاد راہیؔ سے میری شناسائی ہوئی۔ جمنا پرشاد راہیؔ اور راقم السطور برسوں تک ایک جان دو قالب کی مثال رہے۔ مندرجہ ذیل شعر کا مصرعۂ اولیٰ میرے یار نے اور مصرعۂ ثانی میں نے برجستہ کہا تھا
ایک نیام میں دو تلواریں
کاٹ الگ، الگ جھنکاریں
جمنا پرشاد راہیؔ کی روز افزوں ہوتی ہوئی بادہ گساری سے ہمارے درمیان فاصلہ حائل ہوتا چلا گیا۔ یہاں تک کہ ایک بار پھر سے اجنبی بننے کی نوبت آ پہنچی۔ لیکن جمنا پرشاد راہیؔ کو مندرجہ بالا مشترکہ شعر یاد رہا اور انھوں نے اپنا مجموعۂ کلام ’’ سرابوں کی فصل‘‘ (۱۹۸۵ء) مذکورہ شعر کے حوالے سے میری نذر کیا۔
مختار ہاشمی، ابراحسنی گنّوری کے تلمیذ اور ابرؔاسکول کے سب سے ممتاز شاعر تھے۔ انھوں نے ہَوسِ نقد اور ہوسِ اشاعت سے یکسر بے نیاز ہو کر اپنے اور تلامذہ کے فن کی خوب خوب آبیاری کی۔ نہایت کم آمیز بزرگ تھے۔ ایک طرح کی محویت اور گم شدگی ہمہ وقت ان پر طاری رہتی تھی۔ بقول ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی :
’’مختار ہاشمی نے غزل کو ایک ایسے رنگ و آہنگ سے آشنا کیا جو صرف انھیں سے مخصوص ہے ‘‘۔
مختار ہاشمی کے مجموعۂ کلام ’’گردشِ رنگ‘‘ (۱۹۷۵ء) میں ڈاکٹر اختر انصاری، ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی اور ڈاکٹر وحید اختر نے ان کی غزل کی معنویت، اہمیت اور انفرادیت کا دو ٹوک الفاظ میں اعتراف کیا ہے۔ ڈاکٹر وحید اختر نے انھیں مغتنمات میں شمار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ :
’’عروض پر مختار ہاشمی کی ماہرانہ دسترس کا ثبوت ان کی رباعیات سے ملتا ہے۔ انھوں نے رباعی کے چوبیس اوزان کو بڑی خوبی سے باندھا ہے۔ اس کے ساتھ رباعی کے آداب کو بھی ملحوظ رکھا ہے، یہ محض استادی نہیں، حقیقی شاعری ہے ‘‘۔
مختار ہاشمی مجھے بے حد عزیز رکھتے تھے ’’گردشِ رنگ‘‘ کی ترتیب و تزئین اور اشاعتی مرحلوں میں شامل میرے مشوروں کا ذکر مجموعہ میں انجم مینائی کے ’’احوال‘‘ کے ذیل میں آیا ہے۔
لامکاں
اوائل ۱۹۷۱ء میں میری غزلوں کا اوّلین مجموعہ ’’لامکاں ‘‘ نصرت پبلشرز لکھنؤ سے اشاعت پذیر ہوا۔ اس کے مالک و مختار عابد سہیل (مدیر ماہنامہ ’’کتاب‘‘) نے از راہِ خلوص ’’لامکاں ‘‘ کی ترویج پر خاص توجّہ مرکوز کی، اسے ملک کے اُردو کے مختلف مراکز نیز کتب خانوں کو بہم پہنچایا، جس سے ’’لامکاں ‘‘ کی مہک ادب میں کشمیر سے کنّیا کماری تک پھیل گئی۔ ’’لامکاں ‘‘ کو میں نے پیش لفظ یا رائے کی وساطت کے بجائے براہِ راست پیش کیا تھا اور میرا فیصلہ صحیح ثابت ہوا۔ ’’لامکاں ‘‘ کو نظریات اور تحفظات (Reservations) سے صرف نظر کرتے ہوئے تنقید و تبصرے کا سزاوار بنایا گیا۔ اس ضمن میں چند مشاہیر کے رُشحاتِ قلم کے اقتباسات بطور ثبوت ملاحظہ ہوں۔
٭ اس شان کی غزل کہنے والے اُردو میں انگلیوں پر گنے جاسکتے ہیں۔ اس مجموعے (لامکاں ) سے ایک بار پھر غزل کے نئے امکانات کا ثبوت ملتا ہے۔
(ڈاکٹر ) محمد حسن (۱۹۷۱ء)
٭ ان غزلوں میں ایک ایسا شخص نظر آتا ہے جو متفکّر، تھوڑے سے چلبلے، درّاک، انانیت اور قوت سے بھر پور ذہن رکھتا ہے۔ اس مجموعے (لامکاں ) کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ شاعر کی شخصیت، حقائقِ حیات سے مفاہمت کرنے کے بجائے ان سے ستیز کرتی نظر آتی ہے اور اس ستیز کا آہنگ انتہائی ذاتی، انتہائی داخلی، دروں بینی اور جگہ جگہ نوک دار استعاروں اور غیر متوقع تناظروں سے عبارت ہے، تشکیک، اس ستیز کا پہلا حربہ ہے جو عمومی مشاہدات کو ایک تیسرا بُعد بخش دیتا ہے۔
شمس الرحمن فاروقی(۱۹۷۱ء)
٭ ’’لامکاں ‘‘ کو اس نقطۂ نظر پڑھنا چاہیے کہ اس سے ایک عظیم عمارت کی بنیاد پڑ گئی ہے۔ (ڈاکٹر) وہاب اشرفی (۱۹۷۱ء)
٭ شعری اظہار میں جس تخلیقی انداز سے غلام مرتضیٰ راہیؔ تہہ داری اور نوکیلا پن پیدا کرتے ہیں، وہ قابل قدر ہے۔ (ڈاکٹر) بشیر بدرؔ (۱۹۷۱ء)
٭ آپ نے اُردو ادب کو جو کچھ دیا ہے وہ آپ کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے لیے کافی ہے۔ (پروفیسر ) کرامت علی کرامتؔ (۱۹۷۱ء)
٭ واقعی آپ کا کلام منفرد نوعیت کا ہے۔ ہجوم میں اپنی منفرد حیثیت کو قائم کرنا آپ کے تخلیقی ذہن کی غیر معمولی فعالیت کو ظاہر کرتا ہے۔
(ڈاکٹر) حامدی کاشمیری (۱۹۷۲ء)
٭ میں تمھاری شاعری کو بے حد پسند کرتا ہوں۔ تمھارا انفرادی رنگ پورے مجموعے سے ظاہر ہے۔ تم کوئی معمولی غزل گو نہیں ہو۔ بانیؔ (۱۹۷۱ء)
٭ اس رُبع صدی میں ہمارے جن شعراء نے غزل کو نیا آب و رنگ دیا، نئی آن بان عطا کی اور قعرِ مذلّت میں ڈوبنے سے بچایا اس صف میں غلام مرتضیٰ راہیؔ بھی ہیں۔ وہ اپنے موضوع، اندازِ غزل گوئی اور اظہارِ خیال میں منفرد مقام کے حامل ہیں۔ (پروفیسر) اکبر الدین صدیقی (۱۹۷۱ء)
علی گڑھ یونیورسٹی اور شہر میں بھی ’’لامکاں ‘‘ کی غیر متوقع پذیرائی ہوئی۔ ’’ہماری زبان‘‘ (علی گڑھ) میں (پروفیسر) شمیم حنفی کا شاندار تبصرہ شائع ہوا۔ ادبی حلقوں میں اس کے گن گائے گئے۔ مکتبہ جامعہ (علی گڑھ) کے منیجر اور بزرگ شاعر بزمیؔ بھارتی نے ’’لامکاں ‘‘ کے نسخے دہلی اور بمبئی کی شاخوں کو بھیجے اور اس کی خاطر خواہ نکاسی کو یقینی بنایا۔ شہر میں مختار ہاشمی، انجمؔ مینائی، امانت اللہ اسیرؔ، غوث محمد غوثی، جمنا پرشاد راہیؔ اور جاوید شہبازی نے مجموعہ ہاتھوں ہاتھ لیا۔ شعری نشستوں اور مذاکروں کے وسیلے سے اہلِ ذوق کی توجّہ اس کے مطالعے کی طرف مبذول کرائی۔ حاصل کلام یہ ہے کہ ’’لامکاں ‘‘ کا اعتراف کرنے والوں میں ہر مکتبِ فکر کے نمائندے شامل تھے۔ ’’لامکاں ‘‘ کے تعلق سے زیب غوری کے ۱۰/ فروری ۱۹۷۲ء کے ایک خط کی یہ عبارت بھی خاص اہمیت و معنویت کی حامل ہے۔
’’تمھاری صحت آج کل کیسی ہے ؟ اپنی صحت کا خیال رکھا کرو۔ ابھی بہتوں کا کباڑا کرنا ہے۔ لوگ دہشت میں اپنی اپنی کرسیوں کو مضبوط پکڑے بیٹھے ہیں اور مجھے ہنسی آتی ہے۔ ‘‘
انیس احمد المتخلص بہ ساحل احمد ۱۹۷۱ء، میں بی۔ ایڈ (B.Ed.) کے لیے علی گڑھ آئے تھے۔ حفیظ منزل میرس روڈ میں ان کی اقامت تھی۔ میرے پڑوسی محمد طاہرؔ فتح پوری کے حقیقی خواہر زادہ ہیں۔ اس تعلق سے علی گڑھ میں ایک دوسرے کے یہاں ہمارا آنا جانا ہوتا تھا۔ ساحل احمد شرمیلے نوجوان تھے۔ یونیورسٹی کے شعراء و ادباء سے ملوانے کے علاوہ کیمپس (Campus) کے شعری و ادبی پروگراموں میں بھی میں نے انھیں متعارف کرایا۔ جب تک علی گڑھ میں رہے مجھ سے مشورۂ سخن کرتے رہے۔
چند شعری نشستیں و مذاکرے
سردانہ ’’منتظر‘‘ ریلویز (Railways) کے اعلیٰ افسر تھے، ریلویز کے ہی ایک کشادہ بنگلے میں مقیم تھے۔ اُردو اور انگریزی پر اچھی دستگاہ تھی۔ اچھے شاعر تھے۔ راقم الحروف کو اپنا کلام دکھاتے تھے۔ ان کے سابقہ کلام کو بھی میں دیکھ رہا تھا۔ دریں اثناء ان کا دہلی کا تبادلہ ہو گیا۔ تبادلے کے وقت میں رسل گنج کے مشہور ایمبسی ہوٹل (Embassy Hotel) سے ملحق مکان میں رہ رہا تھا۔ سردانہ ’’منتظر کا سرکاری بنگلہ اور میرا مکان آمنے سامنے تھے۔ درمیان میں ریل کی پٹریاں حائل تھیں۔ اکثر جب میں محکمہ جاتی کاموں سے ریل کا سفر کرتا تو پلیٹ فارم پر پہنچنے پر میری اہلیہ چھت سے ہاتھوں کے اشاروں سے مجھے الوداع کہتی تھیں۔ سردانہ ’’منتظر ‘‘ کے بنگلہ میں اکتوبر ۱۹۷۶ء میں ایک شاندار اور یادگار شعری نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔ ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی اس نشست کے صدر نشیں تھے، اور یہ ان کے لیے آخری شعری نشست ثابت ہوئی۔ راقم السطور اس نشست کا کنوینر(Convener) تھا ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی دراصل میرا مَان رکھنے کے لیے ہمّت کر کے آ گئے تھے ورنہ ان کی صحت اس کی متحمل نہ تھی۔ اس یادگار شعری نشست میں ڈاکٹر وحید اختر، شہر یار، شمیم حنفی، اسعد بدایونی، مختار ہاشمی، فوق کریمی اور غوث محمد غوثیؔ شریک ہوئے تھے۔ سردانہ منتظرؔ علی گڑھ آنے پر میرے یہاں ضرور آتے تھے۔ ان کی شدید خواہش تھی کہ برسوں سے التواء میں پڑا ہوا ان کی غزلوں کا مسودہ زیورِ طباعت سے آراستہ ہو جائے لیکن اس سے پہلے ہی اواخر ۱۹۸۲ء میں وہ اپنے مکان کے چھجے سے گر کر جان بحق ہو گئے۔ ۱۹۷۴ء میں عمیق حنفی اور محمود ہاشمی کے اعزاز میں جمنا پرشاد راہیؔ نے میرے تعاون سے شہر میں ایک پُر وقار شعری نشست کا اہتمام کیا تھا۔ جس میں مندرجہ بالا شعرائے کرام کے علاوہ امانت اللہ اسیرؔ، انجم مینائی، شبیرؔ جیلانی، طالب محمود اور جاوید شہبازی بھی شریک ہوئے تھے۔ عام طور پر یونیورسٹی کیمپس کے شعراء شہر کی ادبی سرگرمیوں سے دُور رہنا پسند کرتے تھے، لیکن میری خاطر میں کھنچے چلے آتے تھے۔
شمس الرحمن فاروقی جب بھی سرکاری دورے پر یاسیمنار وغیرہ میں شرکت کے واسطے علی گڑھ آتے، اپنے آنے کی خبر مجھے ضرور بھجواتے تھے۔ یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرتے تھے، جہاں میرے علاوہ صلاح الدین پرویزؔ، احتشام اختر، جمنا پرساد راہیؔ، اکثر دہلی سے محمود ہاشمی اور دیگر احباب کے ساتھ دیر رات تک محفلیں جمتی تھیں۔ فاروقی کی رائے کسی شخصیت کے بارے میں ہو، یا شاعری کے متعلق ہمیشہ قائم بالذّات ہوتی تھی۔ الٰہ آباد، کانپور، لکھنؤ، علی گڑھ غرض کہ ہر جگہ میں نے انھیں اپنی صوابدید کا پیرو کار پایا۔ اُن دنوں وہ صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے۔ ۱۹۷۲ء میں مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ اُردو کے زیر اہتمام ڈاکٹر اقبال پر منعقدہ ایک اہم سیمنار (Seminar) کے دوران ظہر کی نماز ادا کر کے مسجد سے لوٹ رہے تھے کہ میرا سامنا ہو گیا، رک کر مصافحہ کیا، خیریت پُرسی کی، چند باتیں کیں، تب سیمنار ہال میں داخل ہوئے۔ اس واقعہ سے فاروقی کی انسانی اور اسلامی اقدار کی پاسداری اُخوّت و لحاظ داری کا ثبوت ملتا ہے۔ اسی سیمنار میں پروفیسر شہر یار نے مجھے سردار جعفری سے ملوایا تھا۔ ایک اور سہ روزہ مذاکرہ (سنہ یاد نہیں ) ’’ادب اور جدیدیت ‘‘ پر انعقاد پذیر ہوا تھا۔ ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی سیمنار کے رُوحِ رواں تھے۔ بیرون جات سے شمس الرحمن فاروقی، ڈاکٹر وارث علوی، عمیق حنفی اور بلراج کومل قابلِ ذکر شرکاء تھے۔
اساتذہ اور عمائدین شہر، مخصوص ادبی پروگراموں میں مجھے یاد کرنا بھولتے نہ تھے۔ پروفیسر خسروؔ (وی۔ سی) کی بیگم طیبہ ؔ خسرو نے یونیورسٹی میں ادب و شعر کی روایات کو تازہ رکھنے کی غرض سے ’’محفلِ صدا‘‘ نام کی انجمن قائم کی تھی جس کے زیر اہتمام وائس چانسلر لاج (V.C. Lodge) میں ایک ماہانہ ادبی نشست کا انعقاد ہوتا تھا۔ مجھے پابندی کے ساتھ مدعو کیا جاتا تھا۔ پروگرام کے آخر میں کسی شاعر یا مستند شاعروں کا کلام ساز پر پیش کیا جاتا تھا۔ دراصل ’’لامکاں ‘‘ کی اشاعت جدید غزل کے میدان میں میرے لیے ایک لمبی جست ثابت ہوئی۔
ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی
علی گڑھ میں ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی میرے سب سے محترم اور سب سے پیارے معنوی بھائی نیز شہر یارؔ میرے سب سے اچھے اور سب سے مخلص دوست تھے۔ ان دونوں سے میرے گھریلو مراسم تھے۔ ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی نے نہ صرف یہ کہ میرے دوسرے مجموعۂ کلام ’’لاریب‘‘ (۱۹۷۳ء) کا انتخاب دیکھا بلکہ جدید غزل کے بارے میں اپنی موقر تحریروں اور ریڈیائی مذاکروں میں شہر یارؔ، بانیؔ، زیب غوری اور سلطان اختر کے ساتھ میرا نام بھی ہمیشہ شامل کرتے رہے۔ مرحوم کو میں صحیح معنوں میں اپنا Promoter اور Booster تسلیم کرتا ہوں۔ غالباً ۱۹۷۱ء میں بیرونِ ملک کی انگریزی کی ایک میگزین میں (نام یاد نہیں رہا) شمس الرحمن فاروقی نے لکھا تھا کہ ہندوستان میں ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی کی سربراہی میں اُردو کے جدید قلم کاروں کا قافلہ یقین و اعتماد کے ساتھ پیش رفت کر رہا ہے۔ بہت جلد مَیں ان کے گھر کا ایک فرد بن گیا تھا۔ انھوں نے اپنی وقیع لائبریری سے استفادہ کرنے کی مجھے کھلی چھوٹ دے رکھی تھی۔ لہٰذا مجھے اُردو کے متقدّمین، متوسطین اور متاخرین کے سوانحی کوائف اور کارناموں کے بالاستیعاب مطالعے کا موقعہ ملا۔
ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی نے ۱۹۷۲ء کی گرمیوں میں بڑی چاہ سے سر سیّد نگر میں ذاتی مکان (اُردو باغ) کی تعمیر شروع کرائی تھی۔ جواہر لال نہرو میڈیکل کالج سے متّصل سر سید نگر کا یہ علاقہ اس وقت ایک ہموار میدان تھا۔ البتہ پروفیسر آل احمد سرور اور پروفیسر معین احسن جذبی کی رہائش گاہیں پہلے سے زیر تعمیر تھیں۔ ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی بھی چھتری کے سائے میں مستعدی کے ساتھ اُردو باغ کی تعمیر و تشکیل کی نگرانی میں مصروف رہنے لگے تھے۔ اسی دوران وہ میرے دوسرے مجموعہ کلام ’’لاریب‘‘ کا انتخاب بھی دیکھ رہے تھے۔ اُردو باغ کی اُٹھتی ہوئی کسی دیوار کے سائے میں بیٹھ جاتے۔ موصوف کے انتخاب کا طریقہ یہ تھا کہ عمدہ اشعار پر (PP) کے دو نشان، عام شعروں پر (P) کا ایک نشان اور نظری / مسترد کر دینے والے اشعار پر (O) کا نشان لگاتے جاتے تھے۔ اصلاح صادر کرنا ان کا وتیرہ نہ تھا۔ ان کا دیکھا ہوا انتخاب بطور یادگار میرے پاس محفوظ ہے۔ کمزور اشعار پر میری نظرِ ثانی کو موصوف زیر تعمیر ’’اُردو باغ‘‘ میں ہی ملاحظہ کرتے تھے۔
لاریب
۱۹۷۳ء میں ’’اُردو باغ ‘‘ کی تعمیر مکمل ہونے کے ساتھ ہی خلیل الرحمن اعظمی کا ایک دیرینہ خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔ اس کو سجانے سنوارنے میں ان کی اہلیہ راشدہ خلیل نے بھی کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ ۱۹۷۳ء میں ہی خلیل الرحمن اعظمی کا انتخاب کردہ میرا دوسرا مجموعۂ کلام ’’لاریب‘‘ اشاعت پذیر ہوا۔ اس مجموعے کو میرے ہم وطن معنوی بھائی اور اُردو کے ممتاز ادیب، شاعر، محقق اور معلّم ڈاکٹر مجاہد حسین حسینی نے از راہِ خلوص خود کے دلنواز پبلی کیشنز، بمبئی سے شائع کیا۔ ’’لاریب‘‘ کو اتفاق رائے سے ’’لامکاں ‘‘ کی اگلی منزل ٹھہرایا گیا۔ چند آرا بطور ’’مشتے نمونہ از خردارے ‘‘ ملاحظہ ہوں :
٭ راہیؔ نے اس کے (لامکاں ) بعد جو کچھ کہا ہے اس میں تازگی اور نئے احساس کی کارفرمائی اور بھی نمایاں ہے۔ پروفیسر آل احمد سرورؔ
٭ ’’لامکاں ‘‘ کے بعد ’’لاریب‘‘ راہیؔ کی انفرادیت اور ان کے شعری کردار کو مستحکم کرتا ہے۔ (ڈاکٹر) خلیل الرحمن اعظمی
٭ ہندوستان میں غزل کے جدید لہجے اور محاورے کو تخلیقی بصیرت کے ساتھ موضوعی تجربے کی اساس پر مستحکم کرنے والے شعراء میں غلام مرتضیٰ راہیؔ کا نام بھی لیا جاسکتا ہے ......... جدید شاعری نئے معانی کی تلاش ہی نہیں تخلیق بھی ہے۔ ’’لاریب‘‘ اس تلاش و تخلیق کی ایک روشن مثال ہے۔ ڈاکٹر وحید اختر
٭ میں اس مجموعے (لاریب) کا خیر مقدم کرتا ہوں کہ ہر اعتبار سے یہ اچھی اور سچی شاعری کا ایک شاندار انتخاب ہے۔ شہر یار
٭ غزل کے تمام مجموعوں میں ’’لاریب‘‘ بہترین ہے۔ تم نے جو کچھ ابھی تک لکھا ہے، تمھیں زندہ اور با کمال شاعر ثابت کرنے کے لیے کم نہیں ہے۔ بانیؔ
٭ میں آپ کو اس دَور کا اہم شاعر تسلیم کرتا ہوں اور آپ کے ذہین اور دانشور مداحوں میں خود کو شامل کرنا باعثِ فخر سمجھتا ہوں۔ ڈاکٹر وارث علوی
٭ گذشتہ چھ سال میں نمایاں ہونے والے غزل گو شاعروں میں سب سے زیادہ آپ کو اور مصوّر ؔ سبزواری کو پسند کرتا ہوں۔ مظہر امام
٭ مجھے خوشی ہے کہ آپ کا اگلا قدم پچھلے قدم سے کہیں بہتر اور معتبر ہے۔
عتیق اللہ
٭ لہجے کی شاعری سوداؔ سے شروع ہو کر یاس یگانہ چنگیزی، تلخ ؔ اور بانی ؔ سے ہوتی ہوئی تمھارے یہاں تک پہنچی ہے، مگر ان لوگوں کا لہجہ مجموعی طور پر غیر جاذب اور غیر شاعرانہ ہے۔ تم نے غزل میں غزل کے ہی خوبصورت لہجے میں زندگی کے بے رحم اور کرخت مناظر ہم سب کے سامنے رکھے ہیں۔ مصوّرؔ سبزواری
٭ ہندوستان کے غزل گوؤں میں کم بہت کم لوگ مجھے پسند ہیں، جن میں آپ کا نام بار بار لیتا ہوں۔ سلطان اختر
٭ ’’بیشک تم نے ’’لامکاں ‘‘ سے ’’لاریب‘‘ تک کا سفر تیز رفتاری اور کامیابی کے ساتھ طے کیا ہے۔ ’’لامکاں ‘‘ کے نقوش تازہ مجموعے میں گہرے ہو گئے ہیں، موضوعات کا تنوع بھی بڑھ گیا ہے ‘‘۔ مظفرؔ حنفی
لامکاں (۱۹۷۱ء) کے متعلق بعض مشاہیر کے رشحاتِ قلم کو میں نے ’’لاریب‘‘ (۱۹۷۳ء) میں شائع کیا تھا۔ ڈاکٹر سید محمد عقیل رضوی کی رائے سہواً شامل نہیں ہو سکی تھی۔ اس ضمن میں موصوف کے ۸! جون ۱۹۷۳ء کی تحریری شکایت سے بھی آٹھویں دہے کے اوائل میں راقم السطور کی شاعرانہ حیثیت کا عندیہ ملتا ہے۔
’’کل آپ کا نیا مجموعہ’’ لاریب‘‘ ملا۔ غالباً ’’لامکاں ‘‘ پر سب سے پہلے میں نے ہی ریڈیو پر تبصرہ کیا تھا۔ شاید آپ کو پسند نہیں آیا، کیونکہ اور حضرات کے ریویو زیبِ کتاب ہیں مگر مجھے آپ نے قابلِ اعتنا نہیں سمجھا‘‘۔
ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی کا ’’اُردو باغ‘‘ پھول پھل رہا تھا، اہلیہ راشدہ خلیل، پسر کامران، سلمان، عدنان اور سب سے چھوٹی بیٹی ہما پروین سے گھر کا گوشہ گوشہ شاد و آباد تھا۔ ایک پیاری سی بلّی (مینو) بھی گھر کی چہل پہل کی حصّہ دار بنی ہوئی تھی۔ مجھ سے بے حد مانوس تھی۔ لیکن کوئی نہ جانتا تھا کہ ’’اُردو باغ‘‘ میں عنقریب کوئی اور ہی شگوفہ کھلنے والا ہے۔ ابھی ۱۹۷۵ء بھی اختتام کو نہ پہنچا تھا کہ ایک روز شہر یار ؔ نے رازدارانہ طور پر مجھے بتایا کہ خلیل الرحمن اعظمی کو ’’خون کا سرطان‘‘ (Blood Cancer) تشخیص ہوا ہے۔ میرے کان میں جیسے کسی نے سیسا پلا دیا تھا۔ موصوف ڈھائی سال تک مردانہ وار مرض الموت سے نبرد آزما رہے۔ راشدہ خلیل نے بھی اپنے شوہر کی تیمار داری میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ آفریں ہے خلیل الرحمن اعظمی پر کہ وہ انتہائی کرب اور بے بسی کے لمحوں میں بھی اپنے پُرسانِ حال سے مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کرنا بھولتے نہ تھے۔ ایک بار، راقم اور جمنا پرشاد راہیؔ میڈیکل کالج میں ان کے کمرے میں پہلے سے موجود تھے۔ دریں اثناء دہلی سے ڈاکٹر گوپی چند نارنگ موصوف کی عیادت کو آئے۔ شمیم حنفی اور شہر یار ان کی پیشوائی کر رہے تھے۔ خلیل الرحمن اعظمی نے جلد ہی پُرسش احوال کا موضوع بدل کر جمنا پرشاد راہیؔ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ڈاکٹر گوپی چند نارنگ سے کہا کہ ہندوستان کے ہندو شاعروں میں فراقؔ (گورکھپوری) کے بعد مجھے اس نوجوان شاعر سے سب سے زیادہ امیدیں ہیں۔ بعد ازاں جمنا پرشاد راہیؔ سے ایک غزل سنوائی جس کا یہ شعر مجھے اب تک یاد ہے۔
مہجور ہیں مغرور درختوں کی قطاریں
ہر شاخ کو شمشیر اَنا کاٹ ہی ہے
آخر یکم جون ۱۹۷۸ء کے دن ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی کا آب و دانہ دُنیا سے اُٹھ گیا۔ ’’موت سے کس کو رستگاری ہے ‘‘ مسلم یونیورسٹی کے قبرستان میں ہزاروں سوگواروں نے انھیں سپرد خاک کیا۔ مرحوم کے تخلیق کردہ متعدد کتبوں میں مندرجہ ذیل کتبہ ان کی قبر کے سرہانے نقش ہے۔
میرا پیارا ننھا یہاں سورہا ہے
اسے پھول سے پیار تھا
وہ خود پھول تھا
میں ہر صبح آتا ہوں کچھ پھول لے کر
اسے تازہ پھولوں کی چادر سے ڈھک کر
چلا جاتا ہوں
تاکہ کل صبح تک اس کی معصوم روح
اپنے پھولوں کی آغوش میں
مسکراتی رہے
چند شب و روز
۱۹۷۲ء میں مجھے اکاؤنٹس (Accounts) کے شعبہ کا انچارج بنا کر علی گڑھ Bus Station میں تعینات کر دیا گیا، یہ زمانہ وہ تھا جب ٹکٹ گھر (Booking Counter) سے ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد ہی مسافر کے لیے بس (Bus) میں بیٹھنا ممکن تھا۔ چنانچہ علی الخصوص دہلی کی Special Buses کے ٹکٹوں کی لمبی کیو (Queue) میں کھڑے ہونے کے بجائے یونیورسٹی اور شہر کے شعراء، ادباء، اساتذہ، اکابرین و عمائدین میرے پاس آ جاتے تھے۔ نتیجتاً میرے شناساؤں اور قدردانوں میں دن دونا رات چوگنا اضافہ ہوتا گیا۔ علی گڑھ بس اسٹیشن کے وسیع و عریض اور بلند و بالا ہال (Hall) کی بالائی منزل پر میرا دفتر تھا۔ ایک روز کسی کام سے نیچے اترنے کے لیے گھماؤ دار زینے کی پہلی سیڑھی پر میں نے قدم رکھا ہی تھا کہ مجھے ایک شیروانی پوش جنٹلمین ہاتھ میں چھڑی لیے آگے آگے اور پیچھے پیچھے ایک بڑا سا سوٹ کیس (Suit Case) تھامے بشیر بدرؔ، اُوپر آتے ہوئے نظر آئے۔ یقین جانئے سوٹ کیس اتنا وزنی تھا کہ زینہ طے کرنے میں بشیر بدرؔ ٹیڑھے ہوئے جا رہے تھے (بشیر بدرؔ نے ترقی کی بہتیری سیڑھیاں اسی انداز سے طے کی ہیں )۔ اوپر پہنچ کر گلزار دہلوی سے مجھے ملوایا اور مطلع کیا کہ موصوف ڈی۔ سی۔ ایم (Delhi Cloth Merchant) کے ٹی وی کے مشاعرہ کے کنوینر (Convener) ہیں۔ بہر کیف موصوف کو میں نے بٹھایا، تواضع کی، دہلی کا ٹکٹ منگوا کر پیش کیا۔ چلتے وقت، بشیر بدرؔ ایک بار پھر ان کے سوٹ کیس کی طرف لپکے مگر میں نے چپراسی سے بس میں رکھوا دیا۔
دہلی کے ریڈیو پروگراموں کی ریکارڈنگ میں شروع شروع بشیر بدرؔ نے میری رہنمائی کی تھی۔ سلامؔ مچھلی شہری تب اُردو کے پروگرام انچارج تھے۔ موصوف اور ان کے معاونین عمیق حنفی، محمود ہاشمی اور زبیر رضوی مجھ سے گرم جوشی کے ساتھ ملتے تھے۔ زبیر رضوی کو مَیں ۵۶۔ ۱۹۵۵ء میں کانپور کے فیض عام انٹر کالج کے سالانہ مشاعرہ میں ’’یہ ہے میرا ہندوستان، اس سے پیار ہو‘‘ لہک لہک کر گاتے ہوئے دیکھ سن چکا تھا۔ میرے دوسرے یا تیسرے ریڈیو پروگرام کا چیک (Cheque) بشیر بدرؔ نے اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے کہا کہ سامنے Reserve Bank ہے۔ پروگرام انچارج اسے کیش (Cash) کرا دیں گے۔ وقفہ وقفہ سے ان کی تواضع (Drink) کا اہتمام کرتے رہنے سے ریڈیو پروگرام جلد جلد ملتا رہے گا۔ دراصل میں ایک راسخ العقیدہ بندہ ہوں، لہٰذا احتیاج رکھتے ہوئے بھی مصلحت اور منفعت کے تقاضے کو بھول کر میں نے بشیر بدرؔ سے اپنا چیک واپس لے لیا۔ آخر وہی ہوا کہ سلامؔ مچھلی شہری کے انچارج رہتے مجھے ریڈیو کا اگلا پروگرام نصیب نہیں ہوا۔
مشہور جدید شاعر اور سہ ماہی ’’سطور‘‘ کے ایڈیٹر کمار پاشی ارون ہسپتال (Ervin Hospital) کے آفس میں ملازم تھے اور ہسپتال کے کوارٹر میں ہی رہائش پذیر تھے، جہاں ان سے اکثر ملاقات ہوتی تھی۔ وہ میری غزلوں کے مدّاح بلکہ فین تھے۔ مخمور سعیدی، مجتبیٰ حسین اور کمار پاشی گویا ایک جان تین قالب تھے۔ کئی دفعہ میں ایک سے ملنے گیا مگر تین سے مِل کر آیا۔
علی گڑھ میں بشیر بدرؔ، صلاح الدین پرویزؔ احتشام اختر اور شہاب عراقی سرائے رحمن کے مکان میں اکثر اہلیہ کے ہاتھ کے پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ صلاح الدین پرویزؔ نے دُنیا بھر کے پکوانوں کا مزہ چکھنے کے بعد جب ’’استعارہ‘‘ کے لیے مجھ سے قلمی تعاون کے خواستگار ہوئے تو اپنے خط میں میری اہلیہ کے تیس برس پہلے کے پکوانوں کو یاد کیا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ اُردو میں لکچرار کی خالی جگہ پر ڈاکٹر بشیر بدرؔ کی تقرری میں دراصل ان کی شامتِ اعمال رخنہ انداز ہوئی ورنہ ان کے قابلِ ہونے میں شبہ نہ تھا۔ بالآخر ۱۹۷۴ء میں انھیں میرٹھ کالج کا لکچرار بننا منظور ہوا۔ صلاح الدین پرویزؔ پہلے ہی انتہائی ناگزیر حالات میں ایم۔ اے (انگریزی) کی تعلیم بیچ میں چھوڑ کر امریکہ (اپنے بھائی کے پاس) جا چکے تھے۔ وہاں سے وہ ریاض (سعودی عرب) پہنچے جہاں ان کی خوش بختی چشم براہ تھی۔ احتشام اختر نے ’’ف‘‘ (نام نہ بتاؤں گا) سے گرما گرم عشق کے چلتے اُردو سے ایم۔ اے کیا مگر عشق میں ناکام ہو کر راجستھان کا رُخ کیا اور درس و تدریس کے پیشہ سے وابستہ ہو کر شہر کوٹہ میں اقامت گزیں ہو گئے۔ احتشام اختر کی ادبی خدمات پر اجمیرؔ کی انجم آفاق نے ایم۔ فِل کیا ہے۔
جدید غزل کے مشہور اور البیلے شاعر عقیل شاداب کا مولد و وطن شہر کوٹہ (راجستھان) ہے جبکہ سسرال علی گڑھ ہے۔ ۱۹۷۲ء میں کوٹہ کے دسہرہ کے مشاعرہ میں مجھے بھی مدعو کیا گیا۔ مشاعرے میں کیفی اعظمی، شوکت کیفی، حسرت جے پوری اور ندا فاضلی بھی شریک تھے۔ حسرت جے پوری بمبئی سے دو عدد خوبرو شاعرات (شاہدانِ در بغل) ساتھ لائے تھے۔ ندا فاضلی مشاعرے کی نظامت کر رہے تھے، انھوں نے کچھ بھانپ کر مجھے دوسرے نمبر پر پکار لیا۔ میرے ڈائس (Dais) سے ہٹتے ہی سامعین کے جم غفیر سے ’’کیفی اعظمی‘‘ کا شور بلند ہونے لگا۔ کیفیؔ اعظمی پر فالج کا نیا نیا حملہ ہوا تھا، لہٰذا موصوف کو سہارا دے کر ایک کرسی پر سامعین کے سامنے لا بٹھایا گیا۔ ابھی وہ اپنی ایک نظم کا پہلا بند بھی پیش نہ کر سکے تھے کہ اچانک مجمع نے فلم ’’پاکیزہ‘‘ کی ان کی مشہور غزل ’’مجھے کوئی مل گیا تھا سرِ راہ چلتے چلتے ‘‘ کی پُر زور فرمائش شروع کر دی۔ اُدھر ہجوم کا مسلسل اصرار، ادھر کیفیؔ اعظمی کا مشاعرہ میں فلمی نغمہ سنانے سے پیہم انکار۔ اسی اثناء میں مشاعرے کے اسٹیج پر ٹماٹر، انڈے اور کنکر پتھر آنا شروع ہو گئے۔ جس کے سبب مشاعرہ گاہ میں بھگدڑ مچ گئی۔ بے چارے شعراء و شاعرات (بشمول راقم الحروف) بچتے بچاتے ڈائس (Dais) سے مُلحق باتھ روم میں پناہ گزیں ہوئے۔ منتظمین کی مزاحمت کے باوجود شرپسند عناصر دروازہ ہلا ہلا کر توڑنے لگے۔ شاعرات تھر تھر کانپ رہی تھیں۔ مشہور ہے کہ پولیس وقت پر نہیں پہنچتی مگر اُس رات مستعد تھی۔ سب کو باتھ روم سے نکال کر ہوٹل میں لے آئی۔
۱۹۷۴ء میں علی گڑھ میں مولانا ابراحسنی گنوری کا سہ روزہ جشنِ اعزاز منایا گیا، جس میں دُور دراز سے شامل ہونے والے مولانا کے ارشد تلامذہ میں ظہیر غازی پوری، جو ہزاری باغ (بہار) سے آئے تھے، بہت نمایاں تھے۔ ظہیر غازی پوری دو ماہی ’’سریر‘‘ سے اپنی وابستگی کے وقتوں سے مجھ سے غائبانہ یگانگت رکھتے تھے۔ بڑے تپاک سے ملے۔ ایک اعتماد جوان کے تابناک مستقبل کا غماز تھا ان کے عنفوان شباب اور ان کے لب و لہجے سے تراوش کرتا تھا۔ بالکل شروع سے میرے کلام کو قدر اور استحسان کی نظر سے دیکھنے والوں میں ایک اہم نام ظہیر غازی پوری کا بھی ہے۔
ڈاکٹر وحید اختر کے یہاں بھی میری آمد و رفت تھی۔ تب محلہ دودھ پور میں ان کی اقامت تھی۔ میری غزلوں کے بارے میں ان کی رائے ہمیشہ ہی اچھی رہی، جس کا وہ برملا اظہار بھی کرتے تھے۔ لاریب (۱۹۷۳ء) کی اشاعت کے موقع پر ان کے یہاں باقر مہدی سے میری ملاقات ہوئی تھی۔
شہر یارؔ ایک مخلص درد مند، خود دار، کم آمیز اور خود میں ڈوبے رہنے والے انسان ہیں۔ تب اُن کی شخصیت میں ایک مقناطیسی کشش تھی، اسی نے علی گڑھ میں مجھے ان سے سب سے زیادہ قریب رکھّا۔ احباب کے ساتھ اپنے برتاؤ میں وہ مصلحت یا تصنع روا نہیں رکھتے تھے۔ ان کی صاف گوئی کا جواب نہ تھا۔ ایک مرتبہ ٹی وی کے انٹرویو میں (جو اخبار میں بھی شائع ہوا تھا) شہر یارؔ نے دو ٹوک الفاظ میں اقرار کیا تھا کہ اوّل اوّل وہ ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی کا تفویض کردہ کلام اپنے نام سے پڑھا کرتے تھے۔ ’’ اِس سادگی پہ کون نہ مر جائے اے خدا‘‘۔
علی گڑھ میں میرے رہتے شہر یارؔ نے کئی گھر بدلے مگر مجھ پر ہر گھر کا دروازہ کھلا رکھا۔ نجمہ شہر یار بھی مجھ سے خوش دلی سے پیش آتی تھیں، وہ یونیورسٹی کے شعبۂ انگریزی میں لکچرار تھیں۔ اسی دوران میاں بیوی کے تعلق میں ایک کھنچاؤ مجھے نظر آنے لگا تھا، لیکن شہر یار کے مزاج کو بھانپ کر میں نے ان کے مشاغل مثلاً شراب، سگریٹ، کلب، رتجگے وغیرہ سے، کبھی کوئی واسطہ نہیں رکھا۔ کچھ سال پہلے شہر یارؔ کی زبانی مجھے معلوم ہوا تھا کہ نجمہ (اہلیہ) اور ان کے درمیان صلح صفائی کی وائس چانسلر محمودالرحمن کی پہل کو انھوں نے مسترد کر دیا تھا۔ شہریار کی روز مرہ کی سرگرمیاں میرے معمولات سے قطعی مختلف تھیں، لیکن شعرو ادب اور باہمی خلوص و یگانگت کی سطح ضرور محفوظ تھی جس پر ہمارے تعلقات استوار ہوئے اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ باہمی سلسلہ آگے بڑھتا رہا۔ تاش (Playing Cards) کے کھیلوں میں برج(Bridge) کا میرا شوق، جنون کی حد تک بڑھا تو شہر یارؔ کے ساتھ میں پابندی کے ساتھ ہر شام یونیورسٹی اسٹاف کلب پہنچنے لگا تھا۔ دریں اثناء شہر کے مشہور قانون داں فضل الرحمن نے مجھے سول کورٹ کلب (Civil Court Club) کی ممبر شپ دلوا دی تھی۔ فضل الرحمن اور عبدالغفار ہم پیشہ اور باہم دگر برادرِ نسبتی تھے۔ یہ دونوں بزرگ برج(Bridge) کے زبردست شوقین تھے۔ دراصل علی گڑھ میں مجھے اس کھیل کی طرف مائل کرنے والے سرائے رحمن کے میرے پڑوسی نور محمد اور قیوم عطا تھے۔ نور محمد، سٹی ہائی اسکول میں ریاضی (Math) پڑھاتے تھے اور مشہورMathematician تھے۔ قیوم عطا اسی اسکول میں کامرس (Commerce) کے ٹیچر تھے۔ ذکاء الدین شایاں ؔ اکثر پیلی بھیت سے آ کر قیوم عطا کے یہاں رکتے تھے۔ یہیں ان سے میری ملاقاتیں ہوتی تھیں۔
ایمرجنسی (Emergency) کے دور میں اندرا گاندھی کے بہت خاص وزیر وی۔ سی۔ شکلا علی گڑھ آئے اور خواجہ ....... (نام یاد نہیں رہا) کے شاندار بنگلہ ’’الحمد‘‘ میں ٹھہرے۔ وزیر موصوف کے اعزاز میں ’’الحمد‘‘ میں ایک پر وقار شعری نشست کا انعقاد عمل میں آیا جس میں راقم التحریر کے علاوہ ڈاکٹر وحید اختر، شہر یار اور جمنا پرساد راہیؔ وغیرہ بھی مدعو تھے۔ اس مخصوص شعری نشست میں ایک انہونی یہ ہوئی کہ اس کے آغاز میں ہی وی۔ سی شکلا پر نیند کا غلبہ سوار ہونے لگا۔ غفلت میں موصوف کی گردن اِدھر اُدھر جھولتی تو آنجناب ایک آن کو چونک پڑتے۔ یہ صورتِ حال کم از کم شاعروں کے لیے انتہائی تحقیر آمیز تھی۔ ایک نیم خوابیدہ شخص ہمارا مخاطبِ صحیح بنا بیٹھا تھا۔ معاً میرا طائر تخیّل پرواز کرتا ہوا اٹھارہویں صدی کی خواجہ میر دردؔ کی اُس ماہانہ محفل مشاعرہ میں جا بیٹھا، جس میں شاہ عالم بادشاہ بے اطلاع چلے آئے تھے۔ بادشاہ نے بوجہ تکلیف اپنا پاؤں ذرا پھیلا یا تھا کہ خواجہ میر دردؔ نے یہ کہہ کر انھیں ٹوک دیا کہ یہ امر آداب محفل کے خلاف ہے۔ بادشاہ کے عذر پیش کرنے پر خواجہ میر دردؔ خاموش نہیں ہوئے، بلکہ دو ٹوک الفاظ میں جواب دیا کہ اگر عارضہ تھا تو تکلیف کرنی کیا ضرور تھی۔ لیکن دہلی سے قریب کے ہی ’’اِن‘‘ خواجہ صاحب میں اتنی مجال کہاں تھی کہ وزیر موصوف سے آداب محفل کی دہائی دیتے۔
مسلم یونیورسٹی کے وظیفہ یاب اساتذہ میں خواجہ مسعود حسن ذوقی اور ڈاکٹر اختر انصاری سے میں خاصا مانوس رہا۔ ان بزرگوں کی عالمانہ گفتگو سے میری معلومات میں اضافہ ہوتا تھا۔ خواجہ مسعود حسن ذوقیؔ نہایت منکسر المزاج سنجیدہ اور سادہ لوح بزرگ تھے۔ موصوف اُردو کے اُس دور کے استاد تھے جب شعبۂ اُردو سرسیّد ہال کی مسجد کے مقابل چند کمروں پر مشتمل تھا۔ گرمی کی شاموں میں ان کے ہرے بھرے لان (lawn) میں تا دیر بیٹھنے والوں میں ڈاکٹر وحید اختر، ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی، شہر یار، شمیم حنفی اور راقم خاص تھے۔ ڈاکٹر اختر انصاری نرالے طور طریق کے بزرگ تھے۔ انگریزی کے پروفیسر رہے، اُردو اور فارسی ادب پر بھی خاصی دستگاہ رکھتے تھے۔ سگار (Cigar) ہر وقت ان کے ہونٹوں سے لگا رہتا تھا۔ بے حد تیز طرار اور خوددار بزرگ تھے۔ مشکل سے کسی کے قائل ہوتے تھے۔ نغز گو شاعر تھے۔ ایک زمانے میں اختر انصاری کے قطعات کا بڑا شہرہ تھا۔ ان کا یہ شعر تو ضرب المثل بن چکا ہے
یادِ ماضی عذاب ہے یا رب
چھین لے مجھ سے حافظہ میرا
ڈاکٹر اختر انصاری کو میرے ہم محکمہ وائی۔ پی۔ سنگھ چوہان کے ایک قطعہ آراضی کے نصف حصّے کی خریداری میں دلچسپی تھی جب کہ چوہان کو تمام قطعہ فروخت کرنا مقصود تھا۔ یہ قطعہ آراضی ضیاء الدین ہاسٹل کے بہت قریب تھا۔ بالآخر میرے زور دینے سے چوہان نے مذکورہ زمین کا نصف حصّہ چالیس ہزار روپئے میں اختر انصاری کو فروخت کر دیا تھا۔ اختر انصاری نے اپنے کشادہ ڈرائینگ روم کی تزئین الگ تھلگ اور عجیب و غریب طرز پر کی تھی۔ سجاوٹ کی جدید و قدیم نیز ملکی و غیر ملکی اشیاء کو کمرے کے فرش پر اسٹینڈ (Stand) کے سہارے اس ترتیب سے جمایا گیا تھا کہ اس سے کئی ٹیڑھے میڑھے (Zig-Zag) گلیارے بن گئے تھے جن سے گزر کر صاحبِ خانہ کی میز تک پہنچا جاتا تھا۔ رات کے وقت مدھم روشنی میں کمرے کا ماحول بڑا پُراسرار ہو جاتا تھا۔ موصوف کا چھوٹا بیٹا خلل دماغ اور مستقلاً مجہول و معذور تھا۔ اس کے مستقبل کا اندیشہ باپ کو ہر وقت لاحق رہتا تھا۔ بڑے صاحب زادے پاکستان میں کسی اعلیٰ عہدے پر فائز تھے۔ کراچی میں پہلی زوجہ کے انتقال کے بعد دوسری شادی کی غرض سے ۸۲۔ ۱۹۸۱ء میں علی گڑھ آئے تھے۔ نہایت معمولی ناک نقشہ کے یہ پست قد صاحب زادے عمر کی چالیس بیالیس بہاریں ضرور دیکھ چکے تھے۔ بہر حال ان کے واسطے لڑکی کی تلاش شروع ہوئی تو اختر انصاری کی عقابی نظر شہر کے ایک تنگ معاش شاگرد کی سترہ اٹھارہ برس کی خوب رو بیٹی پر جا ٹھہری۔ استاد کے یہ نیک نفس شاگرد رسل گنج میں میرے ہم سایہ تھے۔ ان کی بیٹی میری اہلیہ سے بے حد مانوس تھی۔ میرے یہاں آتی جاتی تھی۔ بالآخر استادِ محترم کے مشفقانہ اصرار کے دباؤ میں آ کر سعادت مند شاگرد نے اپنی نو خیز بیٹی کو اپنے ہم عمر آدمی کے نکاح میں دے دیا۔ مجھے لگا تھا جیسے کوئی معمرّ دیو کسی کمسن پری کو لے اُڑا ہو۔ حالانکہ ازدواجی رشتے میں عمر کا تفاوت مانع نہیں ہوا کرتا مگر اس بے جوڑ رشتے کے عذر بلکہ عذر لنگ کو لے کر میں نے ڈاکٹر اختر انصاری کے گھر کی طرف پھر کبھی رخ نہ کیا۔ دراصل مجھے ہر شے ٔ میں ترتیب اور ہر تعلق میں اعتدال کا حسن دیکھنا پسند ہے میرا ہی شعر ہے :
ترتیب سے حسن ہے جہاں کا
اک چیز اِدھر اُدھر نہیں ہے
رسل گنج کا میرا کرایہ کا مکان بھرے بازار میں واقع تھا۔ اس کا صحن کشادہ اور چھت کھلی ہوئی تھی۔ لہٰذا یہ مکان ہر موسم میں شہر اور یونیورسٹی کے شعراء، ادباء اور احباب کی پسندیدہ آماجگاہ بنا رہتا تھا۔ شعراء میں جمنا پرشاد راہیؔ کے ساتھ ان کے تلمیذ خاص رئیس الدین رئیسؔ بھی آنے لگے تھے۔ رئیس الدین رئیسؔ اس وقت نو آموز شاعر تھے۔ خاموش طبع، ذہین، متین اور باخبر قلم کار تھے۔ انھوں نے مشق و مزاولت اور تخلیقی لیاقت و بصیرت سے غزل کے میدان میں اپنی ایک مستقل پہچان بنائی۔ کسی لابی (Lobby) کے بغیر صرف کتب و رسائل کے وسیلے سے ادب میں ناموری حاصل کی۔ ۱۹۹۰ء میں نقل مکانی کے بعد جب جب علی گڑھ جانا ہوا رئیس الدین رئیس نے خلوص اور خوش دلی کے ساتھ میرا خیر مقدم کیا۔ میرے اعزاز میں شعری نشستوں کے علاوہ مشاعرے کا بھی اہتمام کیا۔ وہ اپنے زیر ترتیب دوسرے مجموعۂ کلام ’’زمین خاموش ہے ‘‘ کا دیباچہ مجھ سے لکھوانے کے درپَے تھے، لیکن یہ اُن کا حسنِ ظن تھا۔ میں باقاعدہ ناقد تو ہوں نہیں اس لیے یہ سوچ کر خاموش ہو رہا کہ مجموعے کی اشاعت کے بعد ایک تاثراتی مضمون قلم بند کر دوں گا۔ رئیس الدین رئیسؔ تو خیر میری خاموشی کو پی گئے، لیکن ان کے استاد جمنا پرشاد راہیؔ نے شراب کے نشے میں اپنی برہمی کا سطحی اظہار ضرور کیا۔ یہ واقعہ علی گڑھ میں راقم کے اعزاز میں، راحت حسن کے دولت کدے پر منعقدہ ایک با وقار شعری نشست میں پیش آیا تھا۔ شراب کو اُم الخبائث غلط نہیں کہا گیا۔
ڈاکٹر امیر عارفی، آٹھویں دہے میں دودھ پور میں کرایے کے ایک بالا خانہ میں رہتے تھے اور مولانا نیاز فتح پوری کی حیات اور کارناموں پر اپنا تحقیقی مقالہ برائے پی۔ ایچ۔ ڈی (Ph.D) ترتیب دے رہے تھے۔ میرے اچھے دوست بن گئے تھے۔ اکثر مولانا نیاز فتح پوری کی زندگی کے بارے میں مجھ سے استفسار کرتے تھے۔ یہ اطلاع سب سے پہلے میں نے ہی انھیں بہم پہنچائی تھی کہ پاکستان ہجرت کرتے وقت مولانا نیاز نے کتب و رسائل، مخطوطات اور اپنی تحریروں کا ایک قیمتی ذخیرہ مسلم انٹر کالج فتح پور کی لائبریری کی نذر کیا تھا۔ تحقیق کے سلسلے سے امیر عارفی نے کئی بار فتح پور کا دورہ کیا۔ غالباً پہلی مرتبہ وہ مجھے ساتھ لائے تھے۔ یہاں میری رہنمائی (Guidance) میں انھوں نے مولانا نیاز کی مذکورہ عطیات کا ذخیرہ اور ڈھیر ہوتا ہُوا اُن کا مکان دیکھا۔ علاوہ بریں مسلم ہائی اسکول کی عمارت جہاں مولانا طالب علم و معلّم رہے اور مدرسہ اسلامیہ کا وہ حجرہ جس میں عربی کی ابتدائی تعلیم پائی اور بقول مولانا جس میں بچوں کو بے رحمی کے ساتھ زدو کوب کیا جاتا تھا، کا تفصیل سے معائنہ کیا۔ ڈاکٹر امیر عارفی، دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ اُردو کے صدر کی حیثیت سے وظیفہ یاب ہوئے۔ کسی کام سے حیدرآباد جانا ہوا جہاں وہ ایک حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
حیرتؔ بن واحد، شہر اور یونیورسٹی کیمپس کے ایک بہت ہی دلچسپ نفر تھے۔ شاعر، ناقد، صحافی، سیاست داں، مقرر، واعظ المختصر Jack of All Trades تھے۔ یاروں کے یار وہ، غیروں کے غیر وہ، منھ زور اور بے لگام وہ، جتنے ملنسار اتنے ہی طوطا چشم وہ۔ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے کسی آفس میں ملازم تھے۔ افسران اور اسٹاف سے آئے دن جھگڑا کر بیٹھتے تھے۔ اکثر معطل کر دیے جاتے تھے۔ آخر نوکری سے برخاست کر دیے گئے۔ علی گڑھ میں جس شاعر یا ادیب نے حیرتؔ بن واحد کی مخالفت کی یا جس سے موصوف خفا ہوئے اس کی ہجو ضرور لکھی اور ببانگ دہل سناتے پھرے۔ ایک دفعہ کسی بات پر غوث محمد غوثی اور امانت اللہ اسیرؔ سے برگشتہ خاطر ہوئے تو دونوں شاعروں کی طویل ہجویں منظوم کیں اور اپنے غیر پابند پندرہ روزہ اخبار کے ضمیمے میں چھاپ کر گھر گھر تقسیم کیا۔ ان کی ہجویات کے تیر و نشتر بڑے ہی کارگر ہوتے تھے۔ جن سے ہر کوئی کترا کر نکلنے میں ہی اپنی عافیت سمجھتا تھا۔ حیرتؔ بن واحد کی زوجہ گزر چکی تھیں، اس سے ایک لائق و فائق بیٹا تھا جو دہلی میں کسی محکمے کا اعلیٰ عہدے دار تھا۔ خود علی گڑھ میں جامعہ اُردو کے پہلو میں اپنے چھوٹے سے گھر میں اقامت گزیں تھے۔ میں ان کی چپقلش میں کبھی نہیں پڑا اس لیے موصوف مجھ سے ہمیشہ راضی رہے۔ بالخصوص اتوار کے روز بہر ملاقات غریب خانہ پر آتے۔ اکثر دوپہر کو ماحضر تناول کرتے۔
خواجہ کے دربار میں
ایک دن باتوں باتوں میں جب حیرتؔ بن واحد کو معلوم ہوا کہ راقم اپنی اہلیہ، بھانجی، بھانج داماد اور شیر خوار نواسے کے ہمراہ خواجہ اجمیری کی درگاہ کی زیارت کے لیے رختِ سفر باندھ چکا ہے تو جھٹ سے بیگ (Bag) سے (ہمیشہ ساتھ رکھتے تھے ) اپنا لیٹر پیڈ (Letter pad) نکالا اور درگاہ اجمیر کے سجادہ نشین کے نام ایک تعارفی و سفارشی رقعہ قلم برداشتہ لکھ کر مجھے عنایت کر دیا۔ حیرتؔ بن واحد کی ایک پہچان یہ بھی تھی کہ وہ محفلوں میں اپنی پہنچ اور اپنے اثر و رسوخ کا ذکر کرنا کبھی نہ بھولتے تھے، لیکن ان کے بلند بانگ دعوؤں کو بالعموم زبانی جمع خرچ اور لن ترانی پر محمول کیا جاتا تھا۔ چنانچہ میں نے بھی ان کے عنایت کردہ رقعہ کو خاطر میں نہ لا کر اپنے سوٹ کیس کے کسی کونے میں رکھ کر بھلا دیا۔ اجمیر پہنچ کر سب سے پہلے میں نے درگاہ شریف کے بلند بالا ہوٹل (مسافرخانہ ) میں کمرے کی فراہمی کے لیے سو سو جتن کیے، یہاں تک کہ مٹھی گرم کرنے کی پیش کش بھی کام نہ آئی۔ چار و ناچار دو عدد رکشوں پر چاروں نفوس سوار ہوئے اور قرب و جوار کے ہوٹلوں میں کمرے کے لیے تا دیر سرگرم و سرگرداں رہے، مگر ہر جگہ مایوسی ہاتھ لگی۔ تھک ہار کر بیٹھ رہنے سے پہلے ایک رکشہ پُلر نے رائے دی کہ آس پاس کے بعض گھروں میں بھی جھانک لیجیے، اکثر مالکان شرفاء کو اپنی شرطوں پر ٹھہرا لیتے ہیں۔ رکشے ابھی نامعلوم گھروں کی طرف مڑے ہی تھے کہ معاً مجھے حیرتؔ بن واحد کے سفارشی رقعے کا خیال آ گیا جو میرے سوٹ کیس میں دُبکا ہو ا تھا۔ گویا ڈوبتے کو تنکے کا سہارا مل گیا۔ رقعے کے بھروسے پر میں نے سابق سجادہ نشیں (نام یاد نہیں رہا) کی قیام گاہ کی طرف رکشوں کا رخ پھروا دیا۔ موصوف اس وقت معطل (Suspend) تھے اور درگاہ شریف کے صدری دروازہ سے ذرا ہٹ کر ایک قدیم اور خستہ حال مکان میں مقیم تھے۔ حیرتؔ بن واحد کا رقعہ بھجواتے ہی سب کو اندر بلوا لیا۔ موصوف نے از راہِ خلوص مجھ سے معانقہ کیا۔ شفقت اور مہربانی سے پیش آئے، تواضع کی۔ حیرتؔ بن واحد کا حال احوال دریافت کیا۔ اس کے بعد فرمایا ’’کہیے آپ کی کیا خدمت کر سکتا ہوں ؟‘‘ یہ تو ’’خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے ‘‘ والی بات تھی۔ فوراً حرفِ مدعا زبان پر آ گیا۔ جواباً موصوف نے پاس ہی رکھے ٹیلی فون سے درگاہ شریف کے ہوٹل (مسافرخانہ ) کے بکنگ کلرک کو میرا نام نوٹ کرایا اور ایک اچھا ساکمرہ فی الفور مہیّا کرانے کی ہدایت فرمائی۔ جب بکنگ کاؤنٹر پر پہنچ کر بکنگ بابو کو میں نے اپنا نام بتایا تو وہ مجھے دیکھ کر بھونچکا سا رہ گیا۔ اسے یقین نہیں آ رہا تھا کہ میں وہی شخص ہوں جو ابھی ڈھائی تین گھنٹے قبل ’’دامے، درمے، قدمے، سخنے ‘‘ اس کی خدمت میں حاضر تھا۔ بہر حال کمرہ فی الفور بک ہوا، ہوٹل کے خادم نے ادب کے ساتھ ہمارا سامانِ سفر بالائی منزل کے ایک کشادہ کمرے میں پہنچایا، کمرے کی صفائی ستھرائی کی گئی، ملگجے گدّوں کی جگہ اُجلے اُجلے گدّے لا کر ڈالے گئے۔ پانی کا مٹکا بدلا گیا، صابن تولیہ، بالٹی، مگ، الغرض واپسی کی گھڑی تک ہوٹل کے کارکنان کی خصوصی خدمات اور مراعات حاصل رہیں۔ واقعی حیرتؔ بن واحد کا سفارشی رقعہ میرے لیے ’’ الٰہ دین کا چراغ‘‘ ثابت ہوا۔ جس کے لیے میں ان کا قائل بھی ہوا اور تہہ دل سے ممنون بھی۔ لیکن بڑھاپے میں دوسری شادی رچانا حیرتؔ بن واحد کو راس نہ آیا۔ تنگ حالی کے علاوہ ان کے کھردرے مزاج سے ازدواجی رشتے میں خراشیں آتی گئیں۔ درمیان میں وہ علیل بھی رہنے لگے تھے بہتر علاج و معالجہ کی استطاعت نہ تھی، آخر کار نحیف و نزار ہو کر لقمۂ اجل بن گئے۔
ڈاکٹر بشیر بدرؔ مشاعرہ پڑھنے یا کسی اور کام سے میرٹھ سے آتے تو اکثر میرے مکان سے متصل ایمبسی ہوٹل (Embassy Hotel) کے سب سے سستے کمرے میں قیام کرتے (غالباً سستی شہرت (Cheap Popularity) کے جُویا کی نگاہ ہر سستی چیز پر ٹھہرنے لگتی ہے ) میرے مکان کا ایک دروازہ ایمبسی ہوٹل کے اندر کھلتا تھا۔ میرے دفتر کے اوقات میں آنے پر ڈاکٹر بشیر بدرؔ اسی دروازے پر دستک دے کر اپنی بہو (میری اہلیہ) کو اپنی آمد سے مطلع کرتے اور زیادہ تر پرہیزی کھانا مثلاً مونگ کی دال، لوکی کی ترکاری اور ہلکی پھلکی چپاتیوں کی فرمائش کرتے۔ ایک دفعہ اپنی اہلیہ کے انتقال کے بعد بحالتِ زار، علی گڑھ کی نمائش کا مشاعرہ پڑھنے آئے اور مشاعرے کی موٹی رقم سے ایمبسی ہوٹل کے ایک سب سے سستے کمرے میں پڑی ہوئی میلی نواڑ کی کھرّی کھاٹ پر ٹھاٹ سے پڑے رہے۔
صلاح الدین پرویزؔ نے اوائل ۱۹۷۱ء میں بشیر بدرؔ کی صحبت اختیار کی اور بہت جلد اُن کے خاص الخاص سمجھے جانے لگے۔ اپنے اس حسین، متین، ذہین اور کمسن رفیق سے بشیر بدرؔ نے پہلا بڑا کام یہ لیا کہ شعبۂ اُردو کی ایک پر وقار مجلس مذاکرہ میں اپنے بارے میں انتہائی مبالغہ آمیز مقالہ(Article) پڑھوا دیا۔ پروفیسر آل احمد سرور، ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی، ڈاکٹر وحید اختر، شہر یار، شمیم حنفی، ابوالکلام قاسمی، راقم السطور نیز دیگر اکابرین کی مجلس میں پیش کیے گئے اس مقالے میں ایک طرف یونیورسٹی کے بعض شعراء پر بالواسطہ چھینٹا کشی کی گئی اور دوسری جانب بشیر بدرؔ کو دو ٹوک الفاظ میں علی گڑھ کا ’’مجاز ثانی‘‘ قرار دیا گیا۔ دراصل بشیر بدر ؔ اپنے مخلصوں اور نیاز مندوں کو بامِ شہرت سے لگی ہوئی سیڑھی کے ڈنڑکوں (Steps) کی طرح استعمال کرنے میں یقین رکھتے تھے۔
ڈاکٹر وحید اخترؔ
علی گڑھ میں میرے فوری پیش رو اساطین ادب میں ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی کی طرح ڈاکٹر وحید اختر بھی مجھے بے حد عزیز رکھتے تھے۔ ڈاکٹر وحید اختر فلسفہ کے پروفیسر تھے۔ بعد ازاں فلسفہ کے صدر اور آرٹ فیکلٹی کے ڈین (Dean) کے اعلیٰ منصب پر متمکن ہوئے۔ ۷۲۔ ۱۹۷۱ء میں دودھ پور کے علاقے میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔ راقم سے ہمیشہ شفقت اور خوش دلی کے ساتھ پیش آتے تھے۔ کم گو، نرم دل اور خوش اطوار شخص تھے۔ غیبت اور منافقت کے عفریت کو پاس پھٹکنے نہ دیتے تھے۔ درس و تدریس کے اوقات کے علاوہ گھر میں موجود رہتے تھے۔ نہایت غور و خوض کے بعد کوئی رائے قائم کرتے تھے۔ اس ضمن میں راقم کے بارے میں ڈاکٹر وحید اختر کی ۱۹۷۳ء کی ایک اہم تحریر کی یہ سطور ملاحظہ ہوں۔
٭ ’’غزل گو شعراء کے ہجوم میں جہاں چہروں میں امتیاز کرنا بہت مشکل ہے، غلام مرتضیٰ راہیؔ کی آواز کا چہرہ ممتاز اور منفرد ہو کر پہچانا جانے لگا ہے۔ ‘‘
٭ ’’روایت سے انحراف کے باوجود قدیم اسالیب تک نئی جہتوں سے رسائی جدید اظہار کا ایک اہم وسیلہ ہے۔ اس پیچیدہ عمل کے نتیجے میں جو غزل سامنے آئی، غلام مرتضیٰ راہیؔ کی شاعری اس کی ایک فکر انگیز مثال ہے۔ ‘‘
٭ ’’ ہندوستان میں غزل کے جدید لہجے اور محاورے کو تخلیقی بصیرت کے ساتھ موضوعی تجربے کی اساس پر مستحکم کرنے والے شعراء میں غلام مرتضیٰ راہی ؔ کا نام بھی لیا جاسکتا ہے۔ ‘‘
٭ ’’ جدید شاعری نئے معانی کی تلاش ہی نہیں، تخلیق بھی ہے۔ غلام مرتضیٰ راہیؔ کی شاعری اس تلاش و تخلیق کی ایک روشن مثال ہے۔ ‘‘
ڈاکٹر وحید اختر کی اہلیہ نے بعد میں تہران میں ملازمت اختیار کر لی تھی۔ بچے بھی ماں کے ساتھ رہنے لگے تھے۔ وظیفہ یاب ہونے کے بعد راقم جب بھی علی گڑھ گیا وحید اختر سے ملنے ضرور پہنچا۔ ان کی آزردہ خاطری سے اہل و عیال کی جدائی کا اثر صاف جھلکتا تھا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وحید اختر پر ناگاہ غم و اندوہ کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ تہران سے براہ مسقط ہندوستان کے ایک ہوائی سفر میں ان کی شریکِ حیات کے طیارے کو ایک امریکن جیٹ فائٹر نے گلف (Gulf) کے آسمان میں تباہ کر دیا تھا۔ اہلیہ کے جانی نقصان کی تلافی (Compensation) کے بطور حکومت ایران نے ڈاکٹر وحید اختر کو پچیس لاکھ کی خطیر رقم ادا کی تھی، لیکن اس تلافیِ مافات نے وحید اختر کے زخمِ دل پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک پاشی کا کام کیا۔ وہ حد درجہ وفا شعار خاوند تھے، اہلیہ کی ناگہانی موت کے صدمۂ جانکاہ کو برداشت نہ کر سکے۔ پینے کا شوق انھیں پہلے سے تھا۔ مگر افراطِ زر نے انھیں بلا نوش بنانے میں کسر نہ چھوڑی۔ غم غلط کرنے کی اس ہمہ وقتی سبیل نے ان کی کِڈنیوں (Kidneys) کو ناکارہ بنا دیا۔ کوئی ایک سال تک ڈائیلیسس (Dialysis) پر رہے اور بیسویں صدی کے اختتام سے پہلے دار فانی سے کوچ کر گئے۔
پرویزؔ کی پرواز
صلاح الدین پرویزؔ کا عنفوانِ شباب جس قدر حسیناؤں کے لیے جذب و کشش رکھتا تھا اتنا ہی عطّار کے لونڈے سے دوا لینے والوں کے واسطے بھی مقناطیسی تھا۔ وہ جتنے حسین و ذہین تھے اتنے ہی خوش طبع اور یاروں کے یار بھی۔ پرویزؔ ایک متوسط خاندان کے فرد ضرور تھے مگر اس ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات اوائل عمری میں ہی صاف نظر آنے لگے تھے۔ آغاز ملاقات میں ہی پرویزؔ مجھ سے بے حد مانوس ہو گئے تھے۔ صلاح الدین پرویزؔ کا کتابی سائز کا معمولی درجہ کا اوّلین مجموعۂ کلام ’’ژاژ‘‘ کے نام سے ۱۹۷۲ء میں اشاعت پذیر ہوا تھا۔ افہام و تفہیم کے لحاظ سے ’’ژاژ‘‘ واقعی اسم بامسمیٰ یعنی کانٹوں دار جھاڑی کا مصداق تھا۔ ہر کوئی ’’ژاژ‘‘ سے اپنے طور پر معنی و مطلب برآمد کر رہا تھا۔ وہ دَور بھی ایسا تھا کہ جب شاعری میں ابہام و اہمال کا دخل اپنے عروج پر تھا۔ اکثر میں بھی پرویزؔ کے یہاں ’’ژاژ‘‘ کو سمجھنے سمجھانے کی مشق کرتا اور وہ حیرتی آئینہ بن کر میرا منھ تکتے رہتے۔
دن اسی ڈھب سے گزر رہے تھے کہ پرویزؔ کی تقدیر نے اچانک ایک خوش آئند کروٹ لی۔ اُنھیں بنگلور کی ایک طالبہ سے ناگزیر حالات میں نکاح کرنا پڑا۔ (تفصیل میں جانے سے گریز کر رہا ہوں ) اس کے بعد وہ تعلیم کو ادھورا چھوڑ کر اپنے برادرِ بزرگ کے پاس امریکہ چلے گئے۔ بعد ازاں سعودی عرب کے شہر ’’ریاض‘‘ کے لیے اُڑان بھری جو خوش نصیبی سے پرویزؔ کے واسطے فلک بوس پرواز ثابت ہوئی۔ کئی برسوں کے بعد جب وہ ریاض سے امیر بن کر علی گڑھ آئے تو مجھ سے دیرینہ اپنائیت کے ساتھ ملے۔ ڈیمائی سائز میں میرا ایک اعلیٰ درجے کا شعری مجموعہ چھپوانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دوسری بار پرویزؔ صحیح معنوں میں دولت مند بن کر آئے۔ تب تک سر سیّد نگر میں ان کا وسیع و عریض دولت کدہ تعمیر ہونے کی منزل پر تھا۔ اُردو ادب میں بھی ان کی شہرت و مقبولیت کا سورج نصف النہار کو پہنچ رہا تھا۔ لیکن بے پناہ دولت اور شہرت کے نشے میں بھی میرا ’’کرشن ‘‘ اپنے ’’سداما‘‘ کو بھولا نہیں اور اپنے یہاں کی ایک شاندار دعوتِ طعام اور محفلِ مشاعرہ میں مجھے خاص طور سے بلوا بھیجا۔ شرکاء میں شہر یارؔ، بشیر بدرؔ، محمود ہاشمی وغیرہ بھی تھے۔ ایک خاص کمرہ میں اعلیٰ قسم کی بیرون جات کی مشروبات کا اہتمام تھا۔ راقم اس کمرے میں بھولے سے داخل ہو کر اُلٹے پاؤں واپس آ گیا تھا۔ یاد آیا کہ صلاح الدین پرویزؔ نے از راہِ خلوص ’’ریاض‘‘ میں واقع اپنی کمپنی میں تقرر (Appointment) کی پیش کش بھی کی تھی مگر تب تک مجھے اپنے محکمہ میں Asst. Accounts officer کی Gazetted post مل چکی تھی۔
کوئی رُبع صدی کی بے گانگی کے بعد اچانک ایک دن پرویزؔ کا نامۂ خلوص مجھے ملا۔ پڑھ کر لگا کہ ایک خلائے بسیط آن کی آن میں پُر ہو گیا ہے۔ خط میں پرویزؔ نے علی گڑھ کی پرانی یادوں کو تازہ کیا، ماضی کے جھروکوں سے کئی یادگار نظارے دکھائے تھے اور بڑی نرمی کے ساتھ سہ ماہی ’’استعارہ‘‘ کے لیے قلمی تعاون کے خواستگار ہوئے تھے۔ خط کو آئے ابھی چند دن گزرے ہوں گے کہ ’’استعارہ‘‘ کے اوّلین شمارے کی پانچ کاپیوں کا وی پی پی (VPP) آ گیا۔ پرویز ؔ نے ایک طرح سے مجھ پر اپنا اعتماد ظاہر کیا تھا۔ لیکن میرے پاس سَو روپے کے ’’استعارہ‘‘ کا ایک بھی خریدار نہ تھا۔ پرویزؔ کو کیا معلوم کہ دورانِ ملازمت میرے ساتھی افسران مجھے ’’کلجگ کا ہریش چند‘‘ کہہ کر زیر لب تبسّم کیا کرتے تھے۔ لہٰذا میں نے با دلِ ناخواستہ وی پی کو واپس کر دیا، ساتھ ہی سو روپے کا منی آرڈر بھیج کر ’’استعارہ‘‘ اپنے لیے منگوا لیا۔ میرا خیال تھا کہ پرویزؔ نے وی پی کی واپسی کا خاصا برا مانا ہو گا۔ بہر کیف میں نے اپنا نیا شعری مجموعہ ’’لاکلام‘‘ (مطبوعہ دسمبر دو ہزار) تبصرے کے لیے استعارہ کو بھیجا ضرور مگر یہ اندیشہ بھی لاحق رہا کہ ’’لاکلام‘‘ کے ساتھ نہ معلوم کیا سلوک کیا جائے۔ لیکن جب استعارہ کے اگلے شمارے میں ایک بہت ہی عمدہ بلکہ مثالی تبصرہ اشاعت پذیر ہوا تو صلاح الدین پرویز ؔ کی اعلیٰ ظرفی اور دوست داری کا مجھے ایک بار پھر قائل ہونا پڑا۔ پرویزؔ کی علی گڑھ کی یادیں میرے حافظے کا بیش قیمت سرمایہ ہیں۔
انیسویں صدی کے ساتویں اور آٹھویں دہے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اُردو ادب کے مایہ ناز اساتذہ طلباء اور ریسرچ اسکالرز کے دم قدم سے شاد و آباد تھی۔ شعبۂ اُردو میں معین احسن جذبی، خورشید الاسلام، قاضی عبدالستّار، مسعود حسن ذوقی، آل احمد سرور، خلیل الرحمن اعظمی، راہی معصوم رضا، شہر یار اور شمیم حنفی، شعبۂ فلسفہ میں وحید اختر، شعبۂ فارسی میں وارث کرمانی، شعبۂ انگریزی میں اسلوب احمد انصاری، سید امین اشرف اور زاہدہ زیدی اور شعبۂ تعلیمات میں اختر انصاری اور ساجدہ زیدی ادب میں ممتاز مقام پر فائز تھے۔ ریسرچ اسکالرز اور طلباء میں بشیر بدرؔ، امیر عارفی، ابوالکلام قاسمی، احتشام اختر، صلاح الدین پرویز، شہپر رسول، اسعد بدایونی، وقار حسین اور سید مقبول حسن خاں نے بھی ادب میں اپنی پہچان بنا لی تھی۔ آئے دن ملک گیر سیمنار، معزز مہمانوں اور سیاحوں کو استقبالیہ، شعری نشستوں اور مشاعروں کا اہتمام اور ہر پروگرام میں راقم کا بُلاوا۔ اُردو ادب کی ایسی جلیل القدر، جامع الصفات اور ہمہ گیر شخصیات کی یکجائی مسلم یونیورسٹی نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی، آگے بھی اس کی توقع نہیں کے برابر ہے۔
شاعری میں جمود
۷۷۔ ۱۹۷۶ء سے میرے قلم کی رفتار سست پڑنے لگی تھی، حتیّٰ کہ النّادر کالمعدوم ہوتے ہوتے ۱۹۸۰ء کے بعد بالکل ہی معدوم ہو گئی، حالانکہ میرے مطالعہ کے ذوق اور تفکّر و تجسّس کی خو بو میں انحطاط نہیں آیا تھا۔ میرے تخلیقی ذہن پر جمود (Dormant) کا طاری ہونا شروع کے برسوں میں میرے لیے پریشان کن نہیں رہا۔ میں جانتا تھا کہ اقبالؔ جیسے عظیم شاعر پر بھی چار پانچ سال تک تخلیقی جمود طاری رہا تھا۔ لیکن میرے یہاں یہ جمود سال تا سال طول کھینچتا گیا۔ میرے پاس اس کی کئی معقول وجوہ ہیں، سب سے اہم وجہ تاش کے کھیل ’’برج‘‘ (Bridge) سے جنون کی حد تک میری دلچسپی تھی۔ اس شغل میں یونیورسٹی اسٹاف کلب، علی گڑھ کلب اور سِول کورٹ کلب میں میرے شب و روز گزرنے لگے تھے۔ اس لَت سے میں نے بار بار گلو خلاصی چاہی مگر برج(Bridge) کے کھلاڑی جن میں شہر کے بزرگ و برگزیدہ وکلاء فضل الرحمن اور عبدالغفار خاص تھے، دفتر اور گھر میں مجھے آ لیتے تھے۔ ایک تو میں فطرتاً کم گو شاعر ہوں اس پر مستزاد مشق سخن جاری نہ رہ جانے سے اِس طرف میری طبیعت کم بہت کم مائل ہونے لگی۔ مزید برآں اِسی دوران میرٹھ کی ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شاعرہ نے مجھ سے قلمی رابطہ اختیار کیا، بعد ازاں موقع بموقع ملاقات کی سبیل بھی نکلنے لگی۔ جلد ہی کئی کئی صفحوں کے گرما گرم خطوط کے ساتھ آدھی ادھوری غزلیں، نظمیں موصول ہونے لگیں، جن کو سجانے سنوارنے اور پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں میرا خاصا زورِ سخن صرف ہو جاتا تھا۔ فیض رسانی کا یہ سلسلہ جب تک چلا، میرے تخلیقی جوہر کا زیاں ہوتا رہا۔
۱۹۸۲ء میں ایک اور ترقی (Promotion) کے ساتھ ہی علی گڑھ ریجن (Region) میں دوہرا لیکھا پرنالی (Double Entry system of Accounts) کے نفاذ کو پوری طرح یقینی بنانے کی ذمّہ داری مجھے سونپ دی گئی۔ سچ پوچھئے تو یہ ترقی میرے واسطے رحمت کے بجائے زحمت تھی۔ میں شروع میں ہی اقرار کر چکا ہوں کہ میں حساب (Math) میں اپنی کلاس کا سب سے بُودا طالب علم تھا۔ ستم بالائے ستم یہ کہ مذکورہ جدید طریقۂ حساب کتاب کا سارا تعلق کامرس (Commerce) سے تھا اور میں کامرس کے ابجد سے بھی نابلد تھا۔ میرے ماتحت کارکنان (Accountants) کی اس کام کے لیے تقرری براہ راست ہوئی تھی۔ ان میں کوئی ایم۔ کام (M.com) تھا تو کوئی بی۔ کام(B.com) غرض کہDouble Entry system of Accountsکے نفاذ کے لیے مجھے اپنے ماتحتوں پر پوری طرح انحصار کرنا پڑ رہا تھا اور یہ کارکنان میری کمزوری سے جائز و ناجائز فائدے حاصل کرنے کے درپے رہتے تھے۔ ان کے بے جا مطالبات کو ماننے سے میرے منصب سے میری وفاداری کو گزند پہنچتی تھی۔ میری حق آشنا امیج کے تحفظ کا الگ سوال تھا۔ لہٰذا میں نے قوتِ ارادی اور جذبۂ صادق کے ساتھ Double Entry system of Accounts کے ہفت خواں کو طے کرنے کا بیڑا اٹھا لیا۔ میرے پڑوسی قیوم عطا سٹی اسکول میں کامرس کا درس دیتے تھے، ان کو میں نے اپنا ٹیوٹر (Tutor) بنایا اور تن من دھن سے نئی مہم سر کرنے میں لگ گیا۔ کسی بھی شغل یا کسی بھی لَت کو یک لخت اور یکسر ترک کر دینا اور مشکل سے مشکل چیلنج کو قبول کر لینا مجھ ناتواں کی فطرت میں شامل ہے۔ میں نے کئی مشاغل جنون کی حد تک اختیار کیے مگر وقت آنے پر فوراً دست بردار بھی ہو گیا۔ چنانچہ برج (Bridge) کے حد درجہ بڑھے ہوئے شوق کو میں نے آن کی آن میں خیر باد کہہ دیا اور حساب کتاب کے متذکرہ بالا جدید طریقۂ کار سے پوری طرح بہرہ مند ہونے میں ہمہ تن مصروف رہا۔ یہاں تک کہ پورے محکمے میں اس ہنر میں یکتا قرار پایا۔ محکمے کے صدر مقام (لکھنؤ) کی ٹیم کے سرخیل کی حیثیت سے مجھے صوبے کے بہت سارے علاقے (Regions) میں حساب کتاب کے جدید طریقۂ کار کے نفاذ کو یقینی بنانے کا موقع ملا۔ اس ضمن میں میری قابلِ تحسین کار کردگی (Commendable Work) کے صلے کے طور پر کئی بار مجھے انعام و ا کرام اور اسناد سے نوازا گیا۔ یہ ضرور ہوا کہ اس چیلنج کو جی جان سے قبول کرنے کے باعث اس دوران شاذ ہی میری طبیعت شعرو شاعری کی طرف مائل ہوئی۔ مشقِ سخن کی طرف سے بے نیاز ہو جانے سے میرے تخلیقی ذہن کی فعالیت برائے نام رہ گئی۔
ایک جان لیوا سانحہ
ابھی میں نے اپنے فرائض منصبی سے بہ طریق احسن عہدہ برآ ہونے کی ابتدا کی تھی کہ ۳۱/ جنوری ۱۹۸۶ء کی شب میں مجھ پر ایک جان لیوا سانحہ گزرا اور جاں کنی کے عالم میں مجھے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں داخل کرا دیا گیا، جہاں میں ۱۹/اپریل ۱۹۸۶ء تک زیر علاج رہا۔ شروع میں دو ہفتوں تک میں صاحب فراش رہا۔ اوسان بحال ہونے پر میں نے جانا کہ میرے دل، دماغ، ناک، جِلد(Skin) اور متعدد انگشت ہائے دست و پا میں حادثے نے اپنا پنجۂ استبداد پوری طرح گاڑ رکھا ہے۔ لیکن ’’جاکو راکھے سائیاں مار سکے نا کوئے ‘‘ میں نے اپنا ایمان، ایقان اور حوصلہ قائم رکھا۔ وقت پر کام آنے والے دوستوں نے مجھے خون(Blood) فراہم کیا۔ ان کے مراسم اور اثرو رسوخ کے سبب معالجوں نے مجھ سے امتیازی سلوک کیا۔ دل کا ڈاکٹر، دماغ کا ڈاکٹر، ناک، کان، گلے (E.N.T.) کا ڈاکٹر، جِلد (Skin) کا ڈاکٹر اور سرجن۔ گویا ایک فانوس میری بھڑکتی ہوئی شمعِ زندگانی کا حلقہ کیے تھا۔ معالجوں نے جتن کر کے موت کے منھ سے مجھے نکال تو لیا مگر گینگرین (Gangrene) سے متاثر ہ میرے داہنے ہاتھ اور بائیں پاؤں کی متعدد انگلیوں کو جزوی طور سے تراش دیا گیا۔ میری ستواں ناک کا نقشہ الگ بگڑا۔ صورت حال نے مجھے مستقل مایوسی (Frustration) میں مبتلا کر دیا۔ مجھے اپنے گلے میں غالبؔ کے اس مصرعے کی تختی لٹکتی ہوئی محسوس ہونے لگی
دیکھو مجھے جو دیدۂ عبرت نگاہ ہو
مذکورہ حادثے سے پیدا شدہ ذہنی انتشار نے میرے تخلیقی جمود کو مزید طولانی بنا دیا۔ میڈیکل کالج سے چھُٹّی ملنے کے بعد میں پوری طرح دفتر اور گھر کا ہو رہا۔ دفتر میں میری غیر معمولی کارکردگی کا صلہ مجھے یہ ملا کہ بعض نا اہل افسران کی اہم ذمّے داریوں کا بوجھ بھی مجھ ناتواں کے کاندھوں پر رکھ دیا گیا۔ فاضل ذمّے داریوں سے عہدہ برآ ہونے میں میرے فرصت کے اوقات بھی صرف ہونے لگے، جس سے شاعری مجھ سے بالکل چھوٹ گئی۔ البتہ مطالعہ اور تفکّر و تجسّس کے وسیلے سے میں عصری ادب کی سمت اور رفتار اور سرگرمیوں سے بے خبر نہیں رہا۔ اب میں ایک موجِ تہہ نشیں کی طرح اندر اندر فعال رہنے لگا تھا۔
ایک جرائم پیشہ پڑوسی
قرآن کریم کی سورۃ العصر میں ’’وتوا صوا بالحق وتوا صو بالصبر‘‘ کی بجا آوری میں اگر میں نے ’’حق‘‘ اور ’’صبر‘‘ کی تاکید کی ہے تو خود ان پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہ کر دکھایا بھی ہے۔ اکثر انتہائی نامساعد حالات میں حق کے واسطے سینہ سپر ہو گیا ہوں۔ کئی دفعہ مجھے روح فرسا گزند پہنچی مگر قدرت نے انتقام لے کر میرے ایمان و ایقان کو متزلزل نہیں ہونے دیا۔ ایسا ہی ایک واقعہ من و عن قلم بند کر رہا ہوں۔
اواخر ۱۹۸۵ء میں رسل گنج کا مکان خالی کر کے ایک بار پھر مجھے محلہ سرائے رحمن کا رُخ کرنا پڑا۔ اس مرتبہ رئیس پٹرول پمپ والے کے ایک مکان کی بالائی منزل کرایے پر مل گئی۔ نیچے ایک بھلے بزرگ کلّن خاں موٹر والے مع اہل و عیال رہائش پذیر تھے۔ ایک دن اہلِ محلہ کا ذکر کرتے ہوئے کلّن خاں نے بتایا کہ یہاں چند گھروں کے فاصلہ پر اقبال نام کا ایک خطرناک مافیا سرغنہ بود و باش اختیار کیے ہوئے ہے۔ اس کی مجرمانہ کار گزاریوں کا دائرہ کئی صوبوں کو محیط ہے۔ اکثر دُور دراز کے نامی گرامی بدمعاش بھاگ کر اقبال کے یہاں پناہ لیتے ہیں۔ اس وجہ سے اس کے مکان پر آئے دن پولیس کا چھاپا پڑتا رہتا ہے۔ کلّن خاں نے یہ بھی کہا کہ اقبال پاس پڑوس کے باشندوں کو اپنی رعیّت سمجھتا ہے، اس نے محلے کے سرکش اور بے لگام بچوں اور نوجوانوں کا ایک غول تیّار کر رکھا ہے جو اس کے اشارے کا منتظر رہتا ہے۔ مجھے ان باتوں سے کیا لینا دینا تھا، البتہ ہمسایہ ہونے کے ناتے آتے جاتے اقبال سے کبھی کبھی میرا سامنا ضرور ہو جاتا تھا۔ دن ہنسی خوشی گزر رہے تھے کہ ۱۹۸۶ء کے ماہ صیام کی ایک شب میں اقبال نے مجھے اپنے یہاں بلوا بھیجا۔ تھوڑے سے پس و پیش کے ساتھ میں اس کے یہاں جا پہنچا۔ اس کی بیٹھک میں خونخوار قسم کے دو گبرو جوان سردار (سکھ) پہلے سے موجود تھے۔ اقبال نے پہلے چائے سے تواضع کی، پھر بولا کہ یہ دونوں میرے رفیق کار ہیں، ا مرت سر سے آئے ہیں، ان کے پاس ویڈیو کیسٹ (Video Cassette) ہیں جن میں سورن مندر (Golden Temple) پر کی گئی فوجی کار روائی (Star Blue Operation) کے فلمائے گئے مناظر ہیں۔ اس کے بعد اس نے قدرے تحکّمانہ انداز میں مجھ سے میرا رنگین ٹی۔ وی (T.V.) اور وی سی پی (Video Cassette Player) طلب کر لیا، کہا کل واپس کروں گا۔ کوئی شریف آدمی ہوتا اور عام کیسٹیں ہوتیں تو مجھے عذر نہ ہوتا۔ یہاں تو میرا سابقہ ایک بدنام زمانہ مافیا سرغنہ اور اس کے گروہ کے آدمیوں سے تھا۔ پولیس کی دبش کسی بھی وقت پڑسکتی تھی، فلم بینی کے دوران بھی۔ ٹی وی (T.V.) اہلیہ کے نام سے اور وی سی پی (V.C.P.) میں نے اپنے نام سے خرید رکھا تھا۔ ممنوعہ کیسٹوں کے چلتے پکڑے جانے پر وی سی پی اور ٹی وی سے ہاتھ دھو بیٹھنے کے علاوہ میری آبرو کے ساتھ میری ملازمت کی بھی خیر نہ تھی، لہٰذا اقبال سے میں نے صاف صاف کہہ دیا کہ رمضان شریف میں ٹی وی اور وی سی پی مہیّا کرانے کا گنہ گار بننے پر آپ مجھے مجبور نہ کریں۔ بہتر ہو گا کرایے پر منگوا لیں۔ میرا جواب سن کر اقبال کچھ نہ بولا اور میں اُٹھ کر گھر چلا آیا۔ اگلے دن دفتر سے آنے پر معلوم ہوا کہ دوپہر کے وقت میرے یہاں سنگ و خشت کی ہلکی بارش ہوئی تھی۔ کئی پتھر نیچے والوں کے آنگن میں بھی گرے تھے۔ کلّن خاں کا گھرانا (اہلیہ، بیٹے، بہو ویں اور پسر زادے ) پوری طرح میرا ہمدرد تھا۔ ہر ایک نے حق اور صبر پر ڈٹے رہنے کی ہمّت دلائی۔ اگلے روز پھر اینٹیں آئیں، اس کے بعد تقریباً روز کا معمول بن گیا۔ نیچے اوپر والوں کا آنگن میں افطار کرنا، نماز پڑھنا اور اٹھنا بیٹھنا دوبھر ہو گیا۔ ایک دن میں تھانے دار کو بلا لایا۔ اس نے چھت پر چڑھ کر اِدھر اُدھر منھ کر کے باآواز بلند دشنام طرازی کی، نامعلوم شرارتی عناصر کو خبردار کیا اور چلا گیا۔ اگلی صبح درس قرآن کے لیے اہلیہ کے پاس آنے والے بچوں نے اطلاع دی کہ دروازے پر کاغذ چسپاں ہیں جن میں گندی گندی باتیں لکھی ہوئی ہیں۔ میں نے پڑھے بغیر ہی پرچوں کو تلف کر دیا۔ اب تو میں ہر روز علی الصباح نیچے اتر کر پرچوں کو نوچ کر پرزے پرزے کر ڈالتا اور دیوار پر کوئلے سے لکھے ہوئے کو مٹا دیتا۔ اقبال کے تربیت یافتہ غول کا یہ حملہ خشت باری پر مستزاد تھا۔ میں نے اقبال سے کہا بھی کہ بس کرے، بہت ہو گیا۔ مظلوم کی آہ سے خبردار بھی کیا مگر وہ شقی القلب اَن سُنی کر کے آگے بڑھ گیا۔ کئی مرتبہ عین افطار کے وقت کنکر پتھر آئے، ایک دفعہ وضو کرتے میں ایک پتھر آیا اور کلّن خاں کی اہلیہ (میں باجی کہتا تھا) کا بایاں بازو زخمی کر گیا۔ میرے وجود میں تڑپ کسک اور غم و غصّے کی شدید لہر دوڑنے لگی۔ صبر و برداشت کی حد ہو گئی۔
یہ بھی ہوا کہ ضبط سے جب لینا چاہا کام
باہر نیام سے مری شمشیر ہو گئی
(راقم)
مغرب کی نماز ادا کرنے کے بعد مصلّے پر ہی میرے دل نے رُو رُو کر اقبال کے لیے بددُعا کی۔ یا الٰہی العالمین ! یا قہّار و جبّار ! یہ شیطان جو ہر برس تیرے لاکھوں بندوں کے ہاتھوں سے کروڑوں کنکروں و پتھروں کی مار ھاتا ہے، تیرے روزہ دار بندوں سے انہی کنکروں پتھروں سے انتقام لینے کے درپے ہے، اسے اس کے کیفر کردار کو پہنچاکر میرے ایمان و ایقان کو متزلزل ہونے سے بچا لے۔ رب کریم کے حضور نالہ و فریاد کے ساتھ ہی صورت حال کے برقرار رہتے، میں نے حق کی خاطر نقل مکانی کا فیصلہ کر لیا۔ لیکن ’’عجب اُس کی قدرت، عجب اُس کے کھیل‘‘ ایک دن مجھے دفتر میں اطلاع ملی کہ اقبال کو کسی نے جان سے مار ڈالا ہے۔ تجہیز و تکفین میں راقم بھی شامل ہوا تھا۔ گولیوں سے بھوننے کے علاوہ اقبال کے چہرے کو بڑی بے رحمی کے ساتھ چاقو سے گودا گیا تھا۔ گویا قاتل انتقام کے جوش میں اپنا ہوش کھو بیٹھا تھا۔ چاقو کے وار کے درجنوں نشانات سے گمان گزرتا تھا جیسے بہت سے مظلوموں نے اپنے ہاتھوں کو ظالم کے خون رنگ لیا ہو۔
تھے کئی ہاتھ قتل کے پیچھے
میرا دامن بھی خون سے تر تھا
(راقم)
جی ہاں ! میں نے بھی اقبال کے صفحۂ ہستی سے مٹ جانے کی بد دُعا کی تھی۔
یہ بات اُسی روز اہل محلہ کے دلوں میں گھر کر گئی تھی کہ روزہ داروں کو ستانے سے ہی اقبال پر اللہ کا قہر ٹوٹا ہے۔ میری اہلیہ سیّد زادی ہیں۔ محلّے میں ان کا بڑا احترام تھا۔ بہت سے لڑکے لڑکیاں اہلیہ سے قرآن کا درس لیتے تھے۔ لڑکیوں کو کاڑھنا، بُننا، سینا، پرونا اور کوکنگ (Cooking) سکھایا، اُردو، ہندی اور انگریزی کی ابتدائی تعلیم دی۔ راقم السطور نے بھی لڑکے لڑکیوں کو مختلف امتحانوں بالخصوص جامعہ اُردو کے امتحانات کی تیاری کرائی۔ لہٰذا پڑوسی ہمیشہ ہمارے ہمدرد اور عقیدت مند رہے، لیکن یہ مفلوک الحال، ناخواندہ کثیر العیال اور دبے کچلے لوگ اقبال کے سامنے سچ مچ بے بس تھے۔ البتہ اقبال کے مرگِ ناگہانی کے بعد کئی مجرم ضمیر (Guilty Conscious)بچے اور نوجوان اقبالِ جرم (Confession) کے لیے میرے پاس آئے، یا ترغیب دلا کر بھیجے گئے۔ میں نے ان کے سروں پر دست شفقت رکھا، پڑھنے لکھنے اور نیک راہ اختیار کرنے کی نصیحت کی، بعض مفلس بچوں کی سرپرستی کی۔ اس طرح معصوم فرشتوں کے چہروں پر اقبال کے لگائے ہوئے شیطانی مکھوٹوں کو میں نے نوچ کر پھینک دیا۔
قصّہ ایک افسر کا
اواخر ۱۹۷۰ء میں راقم جب اپنے تبادلے پر علی گڑھ پہنچا تو وہاں موتی لال سریواستوا (Accounts Officer) کو اپنا Boss پایا۔ موتی لال آگرہ کے باشندے تھے، بزرگ ہو چکے تھے، لائق و فائق اور خوش وضع آفیسر تھے۔ البتہ تحفے تحائف نیز اوپر کی آمدنی کے حصول کی ٹوہ میں رہتے تھے۔ کچھ عرصہ کے بعد ایک دن مجھ سے بولے کہ انھوں نے آل انڈیا ریڈیو دہلی سے راقم کو غزل پڑھتے سُنا ہے، خوشی کی بات ہے۔ پھر بتایا کہ ان کی کائستھ فیملی میں اُردو کا چلن عام رہا ہے۔ خود انھوں نے بھی دسویں جماعت تک اُردو پڑھی ہے نیز طالب علمی کے زمانے سے ہی وہ عمدہ شاعری پڑھنے اور سننے کے شوقین ہیں۔ صاحبِ ذوق Boss کی باتوں سے مجھے ترغیب ملی اور میں نے خوشی خوشی ریڈیو، مشاعروں اور کتب و رسائل سے اپنے تعلق کا اظہار کر دیا۔ مزید برآں لامکاں (۱۹۷۱) کا نسخہ اسی آن الماری سے لا کر موصوف کی نذر کیا۔ مسکراتے ہوئے بولے ’’آپ کے پاس تو شہرت اور آمدنی کے اچھے ذرائع ہیں‘‘۔ بات آئی گئی ہو گئی۔
کانپور میں میری شادی کو ابھی چندسال ہوئے تھے۔ میرے برادران نسبتی میں سے کوئی نہ کوئی ہر مہینے علی گڑھ آ کر اپنی چہیتی بہن کو رخصت کرالے جاتا تھا۔ غلام ہمدانی مصحفیؔ کا مشہور شعر ہے :
شب ہجر، صحرائے ظلمات نکلی
مَیں جب آنکھ کھولی بہت رات نکلی
اس نوع کی شب ہجر کے طاری ہوتے ہی راقم گھبرا کر کانپور جا نکلتا تھا۔ اگلی مرتبہ جب میں نے موتی لال سے کانپور جانے کے لیے اجازت مانگی تو سرگوشی کے انداز میں کہا کہ وہاں کی لال املی مل کے کمبل (Rig) کا بڑا نام ہے۔ واپسی میں اچھی کوالٹی کا ایک کمبل لیتے آئیے گا۔ اس زمانے میں لال املی کانپور کا عمدہ کمبل ڈھائی سو روپے تک میں مل جاتا تھا۔ حالانکہ بفضلہ تعالیٰ آج اس رقم سے میری Pension کوئی ۳۵ گُنا زیادہ ہے لیکن تب یہی رقم میری نصف تنخواہ کے برابر تھی۔ چنانچہ مرتا کیا نہ کرتا۔ میں نے اپنے Boss سے پیشگی کا سوال کر لیا۔ جواب میں وہ ایک معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ خاموش رہے۔ وہ قریب کے ایک کمرے میں بوقت ضرورت قیام کرتے تھے، ورنہ آگرہ سے روزانہ آتے جاتے تھے۔ دفتر میں پیشگی رقم نہ ملنے پر شام کو میں اُن کے کمرے پر دستک دینے جا ہنچا۔ دروازہ کھلا اور وہ انگوچھا (Towel) میں لپٹے ہوئے برآمد ہوئے۔ راقم ایک بار پھر ان سے کمبل کے لیے کچھ پیشگی کا خواستگار ہوا۔ جواب ملا ’’میاں جائیے، حاکم سے پیشگی ویشگی کا سوال نہیں کیا کرتے ‘‘ اتنا کہہ کر موصوف نے دروازہ بند کر لیا۔ ابھی تک میں نے تحفے تحائف کی آڑ یں نوچ کھسوٹ کرنے والے Boss کی خصلت کو ماتحت کارکنان سے جوڑ ر نہیں دیکھا تھا لیکن:
جب اس نے دروازہ مجھ پر بند کیا
مجھ پر اُس کی محفل کے آداب کھلے
(راقم)
چونکہ میری دیانت داری اعلیٰ کارکردگی اور ہر دل عزیزی نے میرے اندر خود اعتمادی اور بے خوفی کوٹ کوٹ کر رکھّی تھی اس لیے موتی لا کے عندیے سے میں نے پوری طرح صرفِ نظر کیا اور کانپور سے واپس آ کر اپنے کاموں میں مصروف ہو گیا۔ اس نافرمانی کو مشکل سے ایک ماہ گزرا ہو گا کہ ایک دن دفتر کے بڑے بابو (محمد یٰسین) نے آ کر میرے کان میں کہا کہ بلند شہر بس اسٹیشن میں راقم کی تعیناتی کے لیے موتی لال کی تجویز (Proposal) ریجنل منیجر (آر۔ ایل۔ چڈّھا) کی میز پر پہنچ گئی ہے۔ حالانکہ علی گڑھ بس اسٹیشن میں بھی جگہ خالی تھی مگر بلند شہر میں تعیناتی سے مسلم یونیورسٹی کے ادبی حلقے سے میرا قطعِ تعلق ہو رہا تھا اور یہی موتی لال کا مقصودو منشاء تھا۔ ریجنل منیجر چڈھا کی سروس اختتام کو پہنچ رہی تھی۔ اس زمانے کے قاعدے قانون کے مطابق Pension کے درجنوں کاغذات کو تیار کرنا نیز سروس بک کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد پنشن کی واجب الادا رقم کا تخمینہ لگانا بڑا ہی پیچیدہ اور مشکل کام تھا۔ خود موتی لال اس کام میں نا پختہ کار تھے۔ لیکن الٰہ آباد میں A.G,(U.P.) کے دفتر سے گھل مِل کر میں نے اس کام میں مہارت حاصل کر لی تھی۔ اس لیاقت کو میں نے بڑے بابو کی زبانی آر۔ ایل۔ چڈّھا کے گوش گزار کرا یا۔ موصوف نے راقم سے اس امر کی تصدیق بھی کر لی۔ اب تو میرا یہ ہنر موتی لال کی چال کی کاٹ بن گیا۔ ریجنل منیجر نے موتی لال کی تجویز کو یک قلم مسترد کرتے ہوئے بلند شہر کی بجائے علی گڑھ بس اسٹیشن کے لیے میری تعیناتی کے احکام صادر کر دیے۔ اس طرح موتی لال ڈال ڈال رہے اور ان کا ماتحت پات پات رہا۔ اس رَسّاکشی سے میرے حوصلے کو نئی بلندی ملی۔
اگر کہیں کوئی دیوار سامنے آئی
بلند ہو گیا پانی کا حوصلہ کچھ اور
(راقم)
اواخر ۱۹۷۳ء میں موتی لال اپنے تبادلے پر آگرہ پہنچے لیکن جلد ہی علی گڑھ واپس بھیج دیے گئے۔ اب ان کا ریٹائرمنٹ قریب آ چکا تھا، مگر راقم کے ساتھ ان کے سخت گیر اور معاندانہ رویّے میں کوئی کمی نہیں آئی تھی۔
اوائل ۱۹۷۵ء میں K.D.Arora علی گڑھ ڈپو کے Asst. Regional Manager اور سابق وزیر اعلیٰ سی۔ بی۔ گپتا کے بھتیجے یا شاید بھانجے، علی گڑھ ریجن کے ریجنل منیجر تھے۔ یہ دونوں آفیسر ان ہم عمر اور ہم پیالہ و ہم نوالہ تھے اور ایک ہی Flat میں فیملی کو چھوڑ کر رہ رہے تھے۔ کے۔ ڈی۔ اروڑا کو راقم کا پورا پورا اعتماد حاصل تھا۔ کانپور میں میرا ان کا ساتھ ہو چکا تھا۔ علی گڑھ بس اسٹیشن کی بالائی منزل پر A.R.M. اور Station Superintendent کے دفاتر تھے، راقم کا کمرہ A.R.M. کے کمرے سے بہت قریب تھا۔ ایک دن ڈرائیوروں، کنڈکٹروں اور کلرکوں کا ایک انتہا پسند اور سرکش قسم کا جتھا نعرہ بلند کرتا ہوا اُوپر آیا اور اپنی بعض مانگوں کو لے کر کے۔ ڈی۔ اروڑہ کے کمرے میں اشتعال انگیزی اور بدسلوکی کا مظاہرہ کرنے لگا۔ دفتر کے ملازمین، کچھ ڈر سے، کچھ مصلحتاً دُبک کر بیٹھ گئے۔ لیکن مجھ ناتواں کو ایک جذبۂ بے اختیار نے کے۔ ڈی۔ اروڑہ کے کمرے میں پہنچا یا۔ اب راقم ان کے کمرے میں ہو رہی جارحیّت اور بدسلوکی کا چشم دید گواہ تھا۔ چنانچہ قصور وار معطل ہوئے اور کیفر کردار کو پہنچے۔ ادھر، کے۔ ڈی۔ اَروڑہ راقم کے احسان مند ہو گئے۔
علی گڑھ ریجن کے صدر دفتر کے ایک عمر رسیدہ اکاؤنٹنٹ شری چند شرما، قابل آدمی تھے۔ Pay Fixation میں خاص مہارت رکھتے تھے، میرے بہی خواہ تھے۔ ۷۵۔ ۱۹۷۴ء کے Annual Audit کے موقع پر شرما کو ۱۹۶۵ء میں کانپور میں کیے گئے راقم کے Pay Fixation میں غلطی نظر آ گئی، جس کی رُو سے راقم کو تنخواہ میں ایک Increment اور اس پر واجب الادا بھتوں (Allowances) کا نقصان پہنچ رہا تھا۔ راقم نے بھی اپنی دانست میں شرما کی نشاندہی کو ہر طرح سے درست پایا۔ لہٰذا فوراً ایک قاعدے کی اپیل تیار کی جس کو شرما نے اپنی رائے کے ساتھ موتی لال کو پیش کر دیا۔ دس سال پرانے اس کیس سے بارہ تیرہ ہزار کی بقایا رقم کے ساتھ ہی راقم کو موجودہ تنخواہ میں خاطر خواہ اضافے کا فائدہ پہنچ رہا تھا۔ یعنی میرے وارے نیارے ہونے والے تھے۔ لیکن موتی لال تو پہلے سے ہی راقم سے جلے بھنے بیٹھے تھے، فائل کو دبا کر بیٹھ گئے۔ اس فعل میں ان کا منشاء صاف مضمر تھا۔ مگر اب تک میری ثابت قدمی اور اُولُوالعزمی کا شہرہ ہو چکا تھا۔ میرا عقیدہ تھا کہ موتی لال بہت سے بہت میری اپیل کو گھما پھرا سکتے ہیں، جس سے دیر بھلے ہو جائے، اندھیر بہر حال نہیں ہو سکتی۔ آخرش ہفتہ عشرہ کے بعد میری اپیل کو سروس بک کے ساتھ، اس جواز کے ساتھ کانپور بھیج دیا کہ چونکہ وہیں ۱۹۶۵ء میں درخواست گزار کاPay Fixation عمل میں آیا تھا، اس لیے کانپور ریجن کے Accounts Officer راقم کی اپیل پر اپنی رائے سے مطلع کریں۔ کانپور ریجن کے صدر دفتر سے تو میں نے اپنی ملازمت کا آغاز ہی کیا تھا۔ پورے دفتر سے میری صاحب سلامت تھی، لہٰذا تھوڑے انتظار کے بعد کانپور پہنچ کر وہاں کے Accounts Officer سے دو ٹوک لفظوں میں لکھوا لایا کہ اپیل درست ہے، اس کے مطابق درخواست کنندہ کے Pay Fixation میں ترمیم کر دی جائے۔ کانپور سے موصولہ واضح ترین رائے کے بموجب شری چند شرما نے آر۔ ایم علی گڑھ (B.D.Gupta) کی طرف سے Revised Pay Fixation Order ٹائپ کرایا اور تائید (Approval) کے واسطے موتی لال کو پیش کر دیا۔ اگلے دن شرما نے ٹیلی فون سے بتایا کہ موتی لال نے راقم کی فائل میں یہ (Remark) دے دیا ہے کہ دس سال پرانے اس کیس میں محکمہ کے صدر دفتر (واقع لکھنؤ) سے بھی ہدایت حاصل کر لینا مناسب ہو گا۔ اُدھر شیطان اپنے چیلے سے چالیں چلوا رہا تھا، اِدھر رحمن، اس کی ہر چال کی کاٹ اپنے بندے کو ودیعت کر رہا تھا۔ چنانچہ مجھے یہ سمجھنے میں دیر نہ لگی کہ اس وقت R.M. کے یارِ غار اور دستِ راست کے۔ ڈی۔ اروڑا کی سفارش میرے لیے کارگر ثابت ہو سکتی ہے۔ کے۔ ڈی۔ اروڑا کے ساتھ پیش آئے بدسلوکی کے سانحے کا گواہ بن کر راقم پہلے ہی موصوف کو شیشے میں اتار چکا تھا۔ لہٰذا اروڑا سے میں نے اپنے مطلب کا ایک پر زور سفارشیDemi Official Letter آر۔ ایم (بی۔ ڈی۔ گپتا) کے نام لکھوا لیا کہ موتی لال اپیل گزارسے Prejudiced ہیں، ورنہ اس کی اپیل کے بارے میں کانپور کے Accounts Officer کی دو وک رائے کے مطابق احکام جاری کرنے کے آپ پوری طرح مجاز ہیں۔ کے۔ ڈی۔ اروڑا کا قاصد بن کر جس وقت راقم آر۔ ایم علی گڑھ کے چیمبر میں داخل ہوا، موتی لال موجود تھے۔ خط پڑھ کر آر۔ ایم نے فوراً شری چند شرما سے میری فائل طلب کر کے بغور دیکھا۔ اس کے بعد موتی لال کے ریمارک کو مسترد کرتے ہوئے لکھ دیا کہ (ترجمہ) ’’کانپور کے لیکھا ادھیکاری کی صراحت کافی و شافی ہے ‘‘ اس کے ساتھ ہی موصوف نے آرڈر پر دستخط صادر کر دیے۔ اس دوران وہ موتی لال سے مخاطب نہ ہوئے اور بے چارے موتی لال ’’ٹک ٹک دیدم، دم نہ کشیدم‘‘ کی تصویر بنے بیٹھے رہے۔ ملحوظ خاطر رہے کہ منصب اور اختیارات کے لحاظ سے راقم اس وقت موتی لال کے آگے ہیچ مداں محض تھا، لہٰذا :
ایں سعادت بہ زور بازو نیست
تا نہ بخشد خدائے بخشندہ
سال ۱۹۷۶ء میں راقم کی Efficiency Bar کے ساتھ ہی زیر غور ترقی کے لیے ۷۶۔ ۱۹۷۵ء کا Character Roll صدر دفتر لکھنؤ سے طلب کیا گیا۔ ایک روز دفتر کے متعلقہ شعبہ کے انچارج محمد علیم فاروقی نے بذریعہ ٹیلی فون راقم کو لکھنؤ بلوایا، وجہ کچھ نہ بتائی۔ فاروقی اس زمانے میں ملازمین کی Union کے صوبائی سطح کے انتہائی بے باک، الوالعزم، قابل، مہذّب، دردمند اور انقلابی لیڈر تھے۔ تحریکوں اور ہڑتالوں میں فاروقی کو سب سے پہلے گرفتار کیا جاتا تھا۔ محکمے کے I.A.S. اور P.C.S. افسران فاروقی سے مشورہ کرتے تھے۔ اثنائے ملازمت میں ہی حج و زیارت سے شرف یاب ہو گئے تھے۔ بلندہ (فتح پور) اُن کا وطن مالوف تھا، مگر لکھنؤ میں مستقل بود و اش اختیار کر لی تھی۔ اہلِ فتح پور کا بہر حال خاص خیال رکھتے تھے۔ اچانک لکھنؤ طلب کرنے کی وجہ کا قیاس لگا کر میں نے بوقت ضرورت کام آ سکنے والے بعض کاغذات جیب میں ڈال لیے۔ اگلے دن جب راقم فاروقی سے ملا تو انھیں سنجیدہ اور فکر مند پایا۔ انھوں نے میری کارکردگی کے متعلق موتی لال کی ۷۶۔ ۱۹۷۵ء کی Confidential Report الماری سے نکال کر میرے سامنے رکھ دی اس میں لکھا تھا(ترجمہ) ’’بعض دوسرے مشغلوں میں منہمک رہنے کی وجہ سے دفتر کو پورا وقت نہیں دیا‘‘۔ موتی لال کی رقم کردہ مندرجہ بالا Adverse Entry کی تائید و توثیق دستور کے مطابق میری تقرری کے مجاز آفیسر(G.M. Finance) کو کر دینا چاہیے تھا، جس کا لازمی نتیجہ یہ ہوتا کہ میری E.B. اور Promotion فی الفور تعطل کا شکار ہو جاتے اور برسوں التواء میں پڑے رہتے۔ مگر واہ رے فاروقی۔ مجھے (G.M. Finance) کے پاس لے گئے۔ موتی لال کی رپورٹ پیش کی اور بولے کہ یہ جی۔ ایم خان ہیں۔ آپ کے فیصلے پر ان کے مستقبل کا دارومدار ہے۔ (F) G.M. کے استفسار کے جواب میں راقم نے شعر و شاعری، ریڈیو اور مشاعروں جیسے ’’دوسرے مشغلوں ‘‘ کے نام گنوا یے۔ سن کر کہا ’’فاروقی صاحب ! شاعری ایکانت میں لکھی جاتی ہے۔ مشاعروں میں پڑھی جاتی ہے، ریڈیو سے پرسارت (نشر) ہوتی ہے اور کتابیں پریس میں چھپتی ہیں۔ ان کاموں کا دفتر سے بھلا کیا سمبندھ؟ پھر یہ کہ اگر ہمارے وبھاگ (محکمہ ) کا وئی کرم چاری (کارکن) اچھا ساہتیہ کار بھی ہے تو اسے بڑھاوا ملنا چاہیے۔ ‘‘ یہاں پر میں نے "Hit the Iron while it is hot" کے مقولے پر عمل کرتے ہوئے قطع کلام کے لیے معذرت خواہی کے ساتھ عرض کیا ہ پابندیِ اوقات (Punctuality) اور اعلیٰ کار کردگی کے صلے میں پچھلے کئی برسوں کی طرح امسال بھی مجھے Special Honorarium تفویض ہوا ہے۔ ثبوت کے طور پر میں نے آرڈر کی کاپی حاضر کر دی۔ پڑھ کر متعجب ہوئے کہ ’’موتی لال نے Honorarium کی پروشٹی(Entry) ان کی رپورٹ میں کیوں نہیں کی‘‘؟ بعد ازاں حالیہ برسوں کے میرے Character Rolls منگوا کر دیکھے۔ ہر ایک میں اندراج کیا گیا تھا۔ مطلع قریب قریب صاف ہو چکا تھا، پھر بھی میں نے اپنے حالیہ Revised pay fixation میں موتی لال کے دخل در عقولات نیز ان کے تدارک کی تفصیل سے G.M.(F) کو آگاہ کر کے گویا تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی اور اطمینان کے ساتھ لکھنؤ سے واپس آ گیا۔
علی گڑھ میں موتی لال کو میری Adverse Entry کا انتظار تھا جب کہ میں E.B.اور Promotion کی راہ دیکھ رہا تھا۔ آخرش دونوں کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں۔ اَواخر ستمبر ۱۹۷۶ء میں راقم نے E.B. پار کیا اور اکتوبر ۱۹۷۶ء میں Senior Accountant کی ترقی لے کر صدر دفتر علی گڑھ میں تعینات ہو گیا، جہاں موتی لال نے گرمجوشی کے ساتھ میرا خیر مقدم کر کے مجھے ورطۂ حیرت سے دوچار کر دیا۔ شیطان کا آخری حربہ بھی ناکام ہو چکا تھا۔
موتی لال اگلے برس اپنے تبادلہ پر دوبارہ آگرہ پہنچے اور وہیں دسمبر ۱۹۸۰ء میں ریٹائر ہو گئے، لیکن دریں اثنا علی گڑھ میں ان کی تعیناتی کے دوران کَل پرزوں (Spare Parts) کی خریدو فروخت میں دہلی کے Saj India Auto Supplier کے ذریعہ کرائی گئی ہیرا پھیری کا ایک بڑا اسکینڈل (Scandal) روشنی میں آ جانے سے پارٹی کو Black List کرتے ہوئے اس کے بقایا Bills کی ادائیگی پر روک (Ban) لگا دی گئی۔ علاوہ ازیں انکوائری پوری ہونے اور ذمّے داری عاید ہونے / نہ ہونے تک موتی لال کی Pension and Gratuity کو موقوف (Withheld) کر دیا گیا۔ اب وہ چار و ناچار عبوری پنشن پر گزر بسر کرنے لگے۔ ادھر راقم کو اوائل ۱۹۸۱ء میں علی گڑھ میں ہی Asst. Accounts Officer کا عارضی چارج دلا کر مذکورہ اسکینڈل کی انکوائری سپرد کر دی گئی۔
میرا تجربہ ہے کہ انتقام کی وقتی اذیّت پہنچانے کے بجائے اگر عفو درگزر کو حربہ بنایا جائے تو اس کی چوٹ رہ رہ کر زندگی بھر اُبھرتی رہتی ہے :
وہ کرب درگزری کا جو ہے طویل بہت
وہ مختصر سی اذیّت جو انتقام میں ہے
(راقم)
درگزری کا میرا حربہ بہتوں پر کار گر ثابت ہو چکا تھا۔ موتی لال چند ایک کے گواہ تھے۔ مثلاً محمد یحیٰی قریشی Store Accountant ایک لائق، باریش اور صوم و صلوٰۃ کے پابند کارکن تھے۔ تھے دھان پان مگر بے حد باتونی اور زبان دراز بھی۔ ایک بار ان کے شعبہ کے Audit کے دنوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ یہ حضرت اطلاع کے بغیر تین دن تک دفتر سے غائب رہے۔ آڈٹ آفیسر نے آر۔ ایم۔ سے شکایت کر دی۔ چوتھے دن قریشی کے آنے پر میں نے ان سے باز پرس کرتے ہوئے آڈٹ کے موقع پر غائب ہو جانے کی وجہ دریافت کی۔ اس پر اچانک وہ ہتّھے سے اُکھڑ گئے۔ طیش میں آ کر بولے ’’آڈٹ گیا اپنی ماں ..... میرے مکان میں سیلاب آ گیا تھا۔ ‘‘ قریشی کے منھ سے کھلّم کھلّا گالی سُن کر دفتر سکتے میں آ گیا۔ میرے پاس ان کے خلاف سخت گیرانہ کار روائی (Stern Action) کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا۔ میں نے اپنی رپورٹ کے حاشیے میں کچھ ایک معتبر گواہیاں لے کر Regional Managerکو پیش کر دیا۔ انھوں نے قریشی کی بکی ہوئی گالی کو خط کشیدہ کیا اور "Put up Suspension Order" لکھ کر دستخط کر دیے۔ پڑھ کر میرے دردمند دل کو جھٹکا ضرور لگا، مگر قریشی کی معطّلی کا حکم نامہ میں نے ٹائپ کروانا شروع کر دیا۔ اس اثناء میں یہ خبر آگ کی طرح پورے دفتر میں پھیل گئی۔ لنچ کا وقت آ چکا تھا مگر میں اپنے کمرے میں ہی بیٹھا رہا۔ سب سے پہلے دفتر کے نامی گرامی نیتا اُومی سنگھ رانا یہ بتانے میرے کمرے میں آئے کہ اس خبر سے قریشی کو اب تک کئی دست آ چکے ہیں اور اب وہ پست ہو کر چوکیدار کی کھاٹ پر بے سدھ پڑے ہوئے ہیں۔ تھوڑی دیر میں قریشی کا ایک پُرانا واقف کار کلرک اندر آیا اور بولا کہ وہ قریشی کے ساتھ بلند شہر کے بس اسٹیشن پر تعینات رہا ہے۔ قریشی کی چا ر بیٹیاں ہیں، بیٹا ابھی نہیں ہوا تھا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے دوران معطّلی اور گرفتاری کی افواہوں کے ڈر سے انھوں نے اپنی نس بندی کرالی تھی۔ اس نے یہ دردناک انکشاف بھی کیا کہ قریشی کی ماتا جی پر دیوانگی کے دورے پڑتے تھے جن کا تھوڑا بہت اثر اس نے اکثر قریشی پر بھی محسوس کیا ہے۔ اتنے میں چند بہی خواہ کارکن قریشی کو سہارا دے کر میرے پاس لے آئے۔ بدکلامی کے لیے قریشی نے دست بستہ معافی مانگی، روئے اور سرِ تسلیم خم کیا۔ قریشی کو عفو و درگزر کے احسان کی مار سے درست کرنے کا یہ مناسب موقع تھا۔ چنانچہ ہَولا خَبطا نظر آ رہے قریشی کو میں آر ایم کے چیمبر میں لے گیا۔ قریشی کی ناگفتہ بہ کیفیت بتائی۔ ان کی والدۂ مرحومہ کی دیوانگی کے بیٹے پر دیکھے گئے اثرات سے بھی آر۔ ایم کو آگاہ کیا۔ آخر موصوف نے رحم دلی کا ثبوت دیتے ہوئے قریشی کی معطّلی کا حکم واپس لے لیا۔ اس کے بجائے سخت تنبیہ Severe Warning جاری کر دی، قریشی کی جان میں جان آئی۔ اس موقع کو غنیمت جان کر قریشی نے سختی کے ساتھ اپنی زبان کو لگام دے دی اور راقم کی فرماں برداری کو اپنا شعار بنا لیا۔
موتی لال A.O. کو محکمہ میں ’’اڑنگا افسر‘‘ کا لقب ملا ہوا تھا۔ موقع ایسا تھا کہ موتی لال کو ’’جیسے کو تیسا‘‘ (Tit for Tat) بن کر دکھایا جاسکتا تھا، مگر وہ خوب جانتے تھے کہ راقم سطحی سوچ اور جذباتی قسم کا آدمی نہیں ہے نیز فرض شناسی میں پورے محکمے میں راقم کو امتیاز و انفراد حاصل ہے۔ بہر کیف جانچ آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہی تھی۔ دراصل اسکینڈل (Scandal) اس قدر صفائی کے ساتھ سر انجام پایا تھا کہ اس کی بھول بھلیوں میں پھونک پھونک کر قدم رکھنا میری مجبوری تھی۔ بہر حال کچھ عرصہ کے بعد کسی نے مجھے بتایا کہ موتی لال آگرہ کے ایک ہوٹل کے Booking Counter میں بیٹھنے لگے ہیں۔ سُن کر میں ورطۂ حیرت میں پڑ گیا۔ یقین نہ آیا تو اگلی ملاقات میں موتی لال سے پوچھ بیٹھا۔ جواب میں وہ آبدیدہ ہو رہے
موتی سمجھ کے شانِ کریمی نے چن لیے
قطرے جو تھے مرے عرقِ انفعال کے
اقبال ؔ
جی ہاں ! اس کی شانِ کریمی نے آن کی آن میں موتی لال کے آنسوؤں سے میرے دل میں ان کے لیے دردمندی کی لہر پیدا کر دی اور میں نے جانچ کے کام میں ممکنہ تیزی لانے کے ساتھ ہی امکان بھر موتی لال کو اپنے احسان کا مزہ چکھانے کی ٹھان لی۔ اب تک کی تفتیش سے اس ہیرا پھیری کی ساز باز میں موتی لال کا ہاتھ ہونے کا ثبوت مجھے نہیں ملا تھا۔ لہٰذا میں نے اپنی صوابدید (Discretion) سے جانچ کمیٹی کے ممبران کو Over Time Allowance سہولت مہیّا کراتے ہوئے فاضل اوقات میں کام لینا شروع کر دیا۔
جانچ مکمل ہونے سے صاف ہو گیا کہ Saj India Auto Suppliers کو ناجائز طریقوں سے ہوئی Bill کی ادائیگی کی مجموعی رقم پارٹی کے بقایا جائز Bills کی رقم سے قلیل ہے، جس کا انضباط (Adjustment) ہو جانے سے محکمے کے مالی نقصان کی تلافی ہو گئی۔ جانچ سے یہ بھی واضح ہو گیا کہ Scandalمیں موتی لال کا بد نیتی کا ارادہ نہیں تھا۔ بعض ضابطوں کو پوری طرح عائد کرانے میں اُن سے کوتاہی ضرور ہوئی مگر اب وہ ریٹائر ہو چکے تھے۔ لہٰذا میں نے جانچ کی عبوری رپورٹ ریجنل منیجر کو پیش کر دی جس کو موصوف نے اپنی سفارش کے ساتھ G.M.(Finance) لکھنؤ کو بھیج دیا۔ سفارش میں یہ نکتہ شاہ بیت کے مصداق شامل تھا کہ موتی لال کی پنشن اور گریجوٹی پر دو(۲) برس سے عاید روک (Ban) کے سبب گزر بسر کے لیے محکمے کا یہ Gazetted Officer آگرہ کے ایک معمولی درجے کے ہوٹل کا دست نگر ہے، جس سے یقینا محکمے کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔ اس نکتے نے مہمیز کا کام کیا اور موتی لال کی Retirement Benefits پر سے روک (Ban) ہٹنے میں دیر نہ لگی۔
اب کے جب موتی لال سریواستو مجھ سے ملنے آئے تو فرطِ مسرت سے اشکبار ہوئے، راقم کو اپنا نجات دہندہ تسلیم کیا، موقع بموقع اپنی احسان مندی درج کراتے رہے اور ۱۹۹۰ء میں راقم کی Farewell Party میں شریک ہو کر رطب اللسان ہوئے۔
"If you would not be forgotten,
As soon as you are dead or rotten,
Either write things worth reading,
Or, do things worth writing."
Mr. Franklin
چلتے چلتے
مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ تعلیمات کی پروفیسر ساجدہ زیدی کو اُردو ادب میں ایک امتیازی حیثیت حاصل تھی۔ ان کی صحت مند موزوں و متناسب قد و قامت کی حامل شخصیت میں ایک طرح کا رُعب داب تھا۔ ان میں خود اعتمادی بدرجۂ اتم تھی، وہ ایک بے حد ذہین، متین، کثیر المطالعہ، معاملہ فہم اور درد مند خاتون تھیں۔ اکثر شہر کے مشہور اسکائی لارک ریسٹورنٹ میں شاعروں اور ادیبوں کے جھرمٹ میں ہنستی مسکراتیاور سگریٹ کے مرغولے بناتی نظر آ جاتی تھیں۔ گھر ہو یا محفل ہر جگہ ان کے روئے سخن سے باور آتا کہ راقم ان کا مخاطبِ صحیح ہے۔ پروفیسر ساجدہ زیدی کو میں نے ہمیشہ مشفق و مہربان پایا۔ پہلے انیس احمد المتخلص بہ ساحل احمد، بعد ازاں میرے جگری دوست مصوّر ؔ سبزواری (B.Ed.)کرنے کی غرض سے علی گڑھ آئے اور راقم کی معیت میں پروفیسر ساجدہ زیدی سے رجوع کیا تو نہایت خلوص و خوش دلی کے ساتھ پیش آئیں اور ان کے داخلے کو یقینی بنانے میں ممد و معاون ہوئیں۔ ان کی نازک اندام، تنک مزاج اور مجرد ہمشیرہ (پروفیسر) مس زاہدہ زیدی شعبۂ انگریزی سے وابستہ تھیں۔ حد درجہ آزادہ و خود بیں خاتون تھیں۔ تھوڑی جذباتی بھی تھیں۔ اُردو ادب میں کماری زاہدہ زیدی نے بھی نام پیدا کیا۔ بعض علیگیرین انھیں مغرور، تنک مزاج اور خود نگر خواتین میں شمار کرتے تھے۔ لیکن ایک انسان کا دوسرے بہت سے انسانوں کے ساتھ مساویانہ تعلق ممکن نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا کلّیہ ہے کہ بندوں کے ساتھ خدا کے معاملات پر بھی اس کا اطلاق ہوتا ہے۔ میں ہمیشہ کافی دیکھ بھال کر کسی کو دوست بناتا ہوں اور جب ایک بار کسی کو اپنا بنا لیا تو پھر چاہے بد ظن کرنے کا کوئی لاکھ جتن کیوں نہ کرے۔ احباب کی نجی زندگی میں تاک جھانک کرنا میرا وتیرہ کبھی نہیں رہا۔ ورنہ کس دیوار میں رخنہ نہیں ہوتا؟ کون سا چمن خس و خاشاک سے مبرّا ہوتا ہے ؟
پروفیسر آل احمد سرورؔ عمدہ پان کے بے حد شوقین تھے۔ راقم بھی بلا کا پان خور تھا۔ رسل گنج کی شاہراہ کی ایک جانب میرا مکان تھا اور دوسری طرف ناظم پنواڑی کی دوکان تھی۔ ناظم کا پان ایک بار کسی کے منھ لگ جاتا تو چھوٹنے کا نام نہ لیتا، اس کے یہاں اَنواع واقسام کے پانوں میں مہوبا کے تیّار (پکا ہوا) پان کے پتّے کی خوبی یہ تھی کہ اسے ذرا سی بلندی سے فرش پر گرا دینے کے بعد اٹھایا جاتا تو فقط اس کی نسیں ہاتھ آتی تھیں۔ ناظم مہذّب اور شائستہ پنواڑی تھا۔ اس کے ہاتھ کی گلوری کے قدر داں (بشمول راقم) اپنی باری کا خوشی خوشی انتظار کر لیتے تھے۔ ایک شام سامنے سے پروفیسر آل احمد سرور کا پا پیادہ گزر ہوا۔ راقم نے بڑھ کر آداب کیا اور مہوبا کے پان سے موصوف کی تواضع کا شرف حاصل کیا۔ پھر تو آئے دن ان کا کوئی نہ کوئی آدمی ناظم کی دکان پر حاضر رہتا۔
پہاسو ہاؤس میں واقع علی گڑھ ریجن کے صدر دفتر میں دوسری بار ۱۹۷۷ء تا ۱۹۸۹ء میری تعیناتی رہی۔ یہاں سے رسل گنجWalking distance پر تھا۔ میں اعلیٰ قسم کا بابا چھاپ تمباکو والا مہوبا کا پان بکثرت نوش کرنے لگا تھا۔ پورے علی گڑھ ریجن میں میرے اس شوق بلکہ کمزوری کا شہرہ ہو چکا تھا۔ اب تو جس کسی کا مجھ سے کام پڑتا، ناظم پنواڑی سے کئی کئی گلوریاں بنوا لاتا۔ ایک مجھے پیش کرتا، بقیہ میری میز کے کسی خانے میں رکھ دیتا۔ میں نے اپنی پوری ملازمت کی زندگی کو سر اٹھا کر جیا ہے۔ رشوت خوری کُجا، کمیشن کو بھی میں نے اپنے اوپر ہمیشہ حرام رکھا۔ لیکن ’’کام کے عوض پان‘‘ بھی بہرحال بھرشٹا چار (Corruption) کی ایک شکل ہے۔ دیر سے دفتر آنے والے ماتحت کارکنان بھی اپنی عافیت کی تلاش میں اسی آسان راہ پر چل پڑے تھے۔ بالآخر میں اپنی قوت ارادی کو بروئے کار لانے میں کامیاب ہوا اور اپنی صاف ستھری امیج (Image) کو خراب کرتے رہنے کے بجائے پان نوشی کی بائیس سالہ لت (Bad Habit) کو ایک بار ترک کر دیا تو دوبارہ بھولے سے بھی کبھی منھ نہ لگایا۔
علی گڑھ کے ۱۹ برسوں کے عرصۂ قیام میں وقفہ وار برپا ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کو میں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دیکھا بھی ہے اور برتا بھی ہے۔ گھروں میں، گلی کوچوں میں اور شاہراہوں پر بکھرا ہوا خون ایک۔ یہاں وہاں کا لہو لہان اور خوں آشام نظارہ ایک۔ چیخیں، کراہیں اور سسکیاں ایک۔ مدد کی پکار ایک اور مدد کرنے کا جذبہ بھی ایک۔ رسل گنج کا ملکھان سنگھ (سرکاری) ہسپتال میرے مکان سے دو ڈھائی سو قدم پر تھا۔ متاثرین کی پرسش احوال کے لیے کرفیو پاس لے کر بے اختیار گھر سے نکل پڑتا تھا۔ یہ کیسا المیہ تھا کہ زندگی کو بچانے والا خون بھی وہی اور شارع عام پر پانی کی طرح بہتا ہوا محسوس کیا جانے والا خون بھی وہی۔
بن کر مرا، رگ رگ میں ابھی دوڑنے لگ جائے
بہتا ہے ترا خون تو میرا نہیں لگتا
(راقم)
رسل گنج کے عظیم و قدیم ’’مالویہ پستکالیہ‘‘ کی دو منزلہ عمارت میرے مکان کے عین مقابل ایستادہ تھی۔ دنگا فساد کے دنوں میں کتب خانہ مظلوموں اور بے سہاروں کی پناہ گاہ بنا رہتا تھا۔ پناہ گزینوں کے دین دھرم الگ الگ، مگر درد سب کا ایک۔ مالویہ پستکایہ کے بلند بام پر چوکسی کے واسطے مامور سپاہ کا رنگ و نسل اور نام ونسب جدا مگر ان کی سنگینوں کا سایہ ایک
کتنا ہی رنگ و نسل میں رکھتے ہوں اختلاف
پھر بھی کھڑے ہوئے ہیں شجر اک قطار میں
(راقم)
رسل گنج سے متصل ریلوے اسٹیشن کی پٹریوں کو پیدل پار کرنے کے لیے لکڑی کا ایک پُل ’’کٹھ پُلا‘‘ تھا۔ کٹھ پُلا کے اِدھر کرفیو کی قید و بند اور اُدھر آزادی ہی آزادی۔ میں ہر شام اپنی چھت سے آزاد گھومنے پھرنے والوں کو حسرت سے دیکھتا تھا۔ کرفیو نافذ ہوا نہیں کہ ’’کٹھ پُلا‘‘ خود اپنی راہ میں دیوار بن کر کھڑا ہو جاتا تھا۔ پھر تو نہ کوئی اُدھر سے آ سکتا تھا نہ کوئی اِدھر سے جاسکتا تھا۔ ان دنوں میرے آفس کی جیپ، جس کے سامنے کے شیشے پر کرفیو پاس (Curfew Pass) کا لیبل چسپاں ہوتا مجھے لینے اور چھوڑنے آتی تھی۔ میرے پاس پڑوس میں ملی جلی آبادی تھی۔ کسی بیمار کو دوا دارو، کسی زخمی کو مرہم پٹی، کسی بچے کو ملک پاؤڈر، کسی خواہش مند کو پھل پھلاری......... الغرض ہر صبح جیپ کے آتے آتے ضروریات کے درجنوں کاغذ کے پرزے اور نوٹ میری جیب میں پہنچ جاتے اور میں ہر شام یونیورسٹی مارکیٹ سے پرزہ پرزہ سامان خرید لاتا۔ کاغذ کے پرزوں کا نام رام بھی ہوتا، رحیم بھی ہوتا، مگر ہر پرزے کے لب پر میرے لیے دعا ایک ہوتی۔ راقم نے علی گڑھ کے بلوؤں کو جتنا دیکھا ہے اس سے کہیں زیادہ محسوس کیا ہے، سالہا سال کے اس روح فرسا احساس کی کسک آج بھی میرے دل میں جاگزیں ہے :
کر دیا جس نے مجھ کو خاکستر::مجھ میں ہی دب گئی وہ چنگاری (راقم)
کانپور کا تبادلہ
بالآخر علی گڑھ میں انیس برسوں کے قیام کے بعد میرے کوچ کا وقت آ پہنچا۔ دسمبر ۱۹۸۹ء میں مزید ایک ترقی کے ساتھ ٹنک پور Region کے لیے میرے تبادلہ کے احکام صادر ہو گئے۔ میری یہ تعیناتی ٹنک پور کے ریجنل منیجر (R.M.) کے منشاء پر ہوئی تھی جو چند سال قبل علی گڑھ میں میری نمایاں کارکردگی ملاحظہ کر چکے تھے۔ موصوف نے مجھے پیغام بھی بھیجا کہ فوراً ٹنک پور پہنچ کر اکاؤنٹس آفیسر کے عہدے کا چارج سنبھال لوں اور یہ کہ وہاں افسران کے کوارٹروں میں ایک راقم کے لیے محفوظ ہے۔ ٹنک پور ریجن کے سالانہ کھاتوں (Annual Accounts) کی جانچ پڑتال (Audit) کے سلسلے سے راقم وہاں قیام کر چکا تھا۔ اس ریجن کے زیر انتظام نینی تال اور پتھورا گڑھ جیسے پہاڑی مقام بھی آتے تھے۔ ٹنک پور نیپال کی سرحد کے پاس بسا ہوا ہے۔ اب کی مجھے خبر نہیں، مگر تب یہاں غربت اور ناخواندگی کا دور دورہ تھا۔ یہاں کے نظم و ضبط کی حالت زار کو میں اچھی طرح دیکھ چکا تھا۔ رشوت ستانی، بد عنوانی، اور نافرمانی کا چلن عام تھا۔ جاڑوں کی کپکپاتی شاموں میں چائے کی پیالیوں کے بجائے ٹھرّا (دیسی شراب) سے لبریز جام سفال دفتر کے اندر دھڑلّے سے گردش کرتے تھے۔ دفتر کے اوقات کی وقعت کارکنوں کی نظر میں کیا تھی؟ یہ بھی میں دیکھ چکا تھا۔ کہتے ہیں اولاد ایمان کی سب سے بڑی دشمن ہوتی ہے، مگر میں ٹھہرا ’’لا ولد‘‘ اس پر مستزاد کہ راقم نہ کسی ’’نوشی‘‘ میں نہ کسی ’’خوری‘‘ میں نہ کسی ’’بازی‘‘ میں۔ لہٰذا اُوپر کی کمائی کا میں کیا کرتا؟ بالخصوص جب کہ میرے قویٰ مضمحل ہونے لگے تھے اور میرا ریٹائرمنٹ قریب تھا۔ پہاڑی علاقوں میں سردی کا موسم اچھے اچھے میدان والوں کا مزاج پوچھ لیتا ہے۔ اہلیہ اور مجھے تو وہاں کا موسمِ سرما کسی طرح راس آنے والا نہیں تھا۔ لہٰذا ملازمت کی سوادِ شام میں ٹنک پور کی میری تعیناتی میرے لیے سوہان روح بن گئی تھی۔ لیکن میں اس پرموشن(Promotion)سے پنشن (Pension) میں ہونے والے قابلِ لحاظ اضافہ سے صَرفِ نظر بھی نہیں کر سکتا تھا۔ با دلِ ناخواستہ پیشگی سفر خرچ وصول کر لینے کے باوجود ٹنک پور کے لیے سبک دوش (Relieve) ہونے میں مجھے تامّل تھا۔ میرے ساتھ ہی میرٹھ ریجن کے سکسینہ کو سنٹرل ورکشاپ (Central Workshop) کانپور میں اکاؤنٹس آفیسر کے منصب کا چارچ لینے کا حکم ملا تھا۔ سکسینہ ایک بَلا نوش خوب رو جوان آفیسر تھے۔ سنٹرل ورکشاپ میں اوپر کی آمدنی اور مفت کی پینے کے مواقع کم سے کم تھے، اس لیے وہ ٹنک پور کو للچائی نظروں سے دیکھ رہے تھے۔ سکسینہ، صوبے کے صدر مقام (لکھنؤ) کے کوٹا (Quota) سے آفیسر بنے تھے۔ لہٰذا وہاں کے اعلیٰ حکّام سے اپنی دیرینہ وفاداری کی دہائی دے کر انھوں نے اپنے واسطے ٹنک پور کی تعیناتی کے احکام جاری کرالیے۔ ان کی کامیابی میرے لیے امدادِ غیبی ثابت ہوئی اور میں نے علی گڑھ کو خیر باد کہہ کر خوشی خوشی سنٹرل ورکشاپ کانپور میں اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ یہ عہدہ سید محمود احمد زیدی کے ریٹائرمنٹ کی وجہ سے خالی ہوا تھا۔ موصوف الٰہ آباد کے معروف شاعر و ادیب سہیل احمد زیدی کے برادرِ بزرگ تھے۔ یہ بات کئی برسوں کے بعد میرے علم میں آئی تھی۔
کانپور سے راقم کے تعلق خاطر کا مفصّل بیان پہلے ہی آ چکا ہے۔ چونکہ شعرو شاعری اور رسائل سے میں ۱۹۸۱ء سے قریب قریب تائب تھا، اس لیے کانپور کے نو آموز شعراء و ادباء مجھ سے قطعی انجان تھے۔ یہاں کے شعر و ادب کی بزرگ و برگزیدہ ہستیوں میں ثاقبؔ کانپوری، شارقؔ ایرایانی، نشورؔ واحدی، فناؔ نظامی، ندرتؔ کانپوری، رشید قمرؔ لکھنوی اور وفاؔ شاہجہاں پوری واصل بحق ہو چکے تھے۔ جدید قلمکاروں کے سرخیل زیب ؔغوری، کراچی میں داعیِ اجل کو لبیک کہہ چکے تھے۔ کانپور کے معروف معاصر شعراء مثلاً ابوالحسنات حقیؔ، محمد احمد رمزؔ، زبیر شفائیؔ اور حسن عزیز، راقم کو قصۂ پارینہ سمجھ بیٹھے تھے۔ البتہ عشرت ظفرؔ اکثر ’لامکاں ‘ اور ’لاریب‘ کے حوالے سے میرے شاندار ماضی کی یاد تازہ کراتے اور ناظرؔ صدیقی ادبی سنگم کی شعری نشستوں میں بہ اصرار مجھے مدعو کرتے، لیکن میں سال خوردہ کلام کو بار بار پیش کرنے کی خجالت کے اندیشے سے دامن کشاں رہتا۔
جاجمؤ
سنٹرل ورک شاپ کانپور کی آفیسر ز کالونی میں جو کوارٹر مجھے الاٹ ہوا، وہ جنرل منیجر کے بنگلے کے بالمقابل تھا۔ ظاہر ہے کہ میری نقل و حرکت اور دیگر تمام سرگرمیوں پر میرے باس (Boss) کی ہمہ وقت نظر رہتی، مزید برآں موصوف دفتر کے اوقات کے علاوہ اکثر تعطیل میں بھی دفتری امور کو انجام دیتے۔ باس کی خوشنودی حاصل کرنا ماتحت کا فریضہ سمجھا جاتا ہے۔ لہٰذا آفیسرز کالونی کے ماتحت افسران بھی باس کے ساتھ بندھے رہتے تھے۔ میں ٹھہرا آزاد مَنِش، اس لیے میں نے آفیسرز کالونی کے بظاہر کھلے پنجرے میں رہنا پسند نہ کیا اور سنٹرل ورک شاپ سے پندرہ کلو میٹر دور ’’جاجمؤ‘‘ میں واقع اپنے برادر نسبتی سید نظام الدین کے مکان کی کشادہ چھت پر ایک منزل تعمیر کرالی۔ جس کا خرچ مقررہ کرایے سے ماہ بماہ مجرا ہونا طے پایا۔ کارنر کا یہ ہوا دار مکان جاجمؤ کی مشہور و معروف ’’مدینہ مسجد‘‘ کے پہلو میں واقع تھا۔ آمد و رفت کے واسطے میں نے ایک سبک سی موٹر سائیکل (Motor cycle) خرید لی۔ شہر کی سب سے اچھی اور سب سے کشادہ شاہرا ہوں اور سب سے شاندار مقامات سے مثلاً چھاؤنی (لشکر گاہ) پھول باغ، کمپنی باغ، سول لائنز، گرین پارک، الگن ملز، پتھر کالج، کملا رٹریٹ (Retreat) اور ایلن فارسٹ سے آتے جاتے میرا گزر ہوتا اور دیکھتے دیکھتے راستہ کٹ جاتا۔ کانپور میں موٹر سائیکل کی سواری کا بھر پور لطف انھیں شاہراہوں میں ہے۔
ڈاکٹر فریدی
ڈاکٹر مغیث الدین فریدی ۱۹۹۱ء میں جاجمؤ (کانپور) کی گنگا وہار کالونی میں رہائش پذیر ہوئے تھے۔ ان کی رہائش گاہ کے بالمقابل اپنے بالاخانہ کے سامنے سے گزرتے ہوئے پہلی بار میں نے ڈاکٹر فریدی کو دیکھا تھا، ایک گمبھیر اور نرم و گداز شخصیت کے حامل ڈاکٹر فریدی دہلی یونیورسٹی میں ریڈر تھے، وظیفہ یاب ہو کر آئے تھے۔ غائبانہ یگانگت کی کشش مجھے اسی روز ان کے پاس کھینچ لے گئی۔ نہایت خوشدلی اور شفقت و مہربانی کے ساتھ ملے، پھر تو ملنا ملانا روز کا معمول بن گیا۔ ڈاکٹر فریدی کا ہر گوشۂ حیات اعلیٰ و ارفع اقدار کے نور سے معمور تھا۔ آج بھی میں ورطۂ حیرت میں پڑجاتا ہوں جب یہ سوچتا ہوں کہ چار پانچ برسوں کی شب و روز کی صحبتوں کے لمحوں میں ایک دفعہ بھی میں نے ان کی زبان سے کسی کی غیبت نہ سنی، جب کہ وہ کتب و رسائل کے علاوہ کبھی مشاعروں کے بھی خاص شاعر ہوا کرتے تھے۔ اس پر مستزاد کہ بڑے بڑے مشاعروں کی نظامت ان کے سپرد رہا کرتی تھی۔ جگرؔ، جوشؔ فراقؔ، سیمابؔ، میکشؔ، فانیؔ، حفیظؔ، جاں نثار اخترؔ۔ اور شکیلؔ جیسے بلند بانگ شاعروں کے ناظمِ مشاعرہ قرار پاتے تھے۔ ڈاکٹر فریدی اپنے غیر معمولی حافظہ میں محفوظ واقعات کے بے ساختہ اظہار سے شاعروں اور مشاعروں کی تصویریں کھینچ دیتے تھے مگر کیا مجال کہ کسی شاعر یا شخص پر حسد یا منافقت کا ہلکا سا بھی چھینٹا کبھی پڑا ہو۔ ایک طرح کی محزونی ان کی آنکھوں سے ہمیشہ جھلکتی تھی۔ بظاہر ان کی شخصیت کی پرسکون سطح پر غائر نگاہ ڈالنے سے ایک ارتعاش اور ایک فعالیت کو صاف محسوس کیا جاسکتا تھا۔ ان کا بڑا بیٹا شاہد فریدی پیدائش سے ’’ماؤف دماغ‘‘ تھا بسا اوقات پُر تشدد (Violent) ہو جاتا، یہاں تک کہ اپنے باپ کو زد و کوب کر بیٹھتا۔ لیکن ڈاکٹر فریدی نے تا حیات شاہد میاں کو اپنی پدرانہ شفقت کے سائے میں رکھا۔
ڈاکٹر مغیث الدین فریدی جامعہ اُردو علی گڑھ کے بنیاد گزار رکن تھے، ساتھ ہی جامعہ اُردو کے امتحانات کے پرچہ ساز اور ممتحن بھی۔ سال ۱۹۹۴ء میں بوجہ علالت، ادیب کامل کے امتحان کی کاپیوں کی جانچ پڑتال میں موصوف نے راقم کو معاون بنا لیا۔ جب محنتانہ کا چیک آیا اور میرے حصّے کی اُجرت موصوف نے مجھے پیش کرنی چاہی تب میں نے جانا کہ میری جانچی ہوئی کاپیوں کا انھوں نے ٹھیک ٹھیک شمار کر رکھا تھا۔ اُجرت قبول کرنے سے میرے پیہم انکار پر وہ خاموش ضرور ہو گئے مگر اگلے سال مجھے جامعہ اُردو کا باقاعدہ ممتحن بنوا کر مانے۔ اگلے برس، جب ’’ادیب ماہر‘‘ کے امتحان کی کاپیاں براہ راست میرے پاس آئیں تو ڈاکٹر فریدی کی آنکھوں میں سبک باری کی مسرت اور طمانیت کی چمک دیدنی تھی۔
رکھّے مجھے توفیق سبک بار ہمیشہ
احسان کو احسان میں ضم کرتا چلا جاؤں
(راقم)
فتح پور سے جب بھی میرا کانپور جانا ہوتا ڈاکٹر فریدی کے خلوص کی کشش مجھے شہر سے دس کلو میٹر دور جاجمؤ ضرور کھینچ لے جاتی تھی۔ ایک مرتبہ میں کانپور شہر میں ایک عزیز کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد جاجمؤ پہنچنے کا ایفائے وعدہ نہ کر سکا اس پر موصوف نے اپنے خط میں ایک مزے دار شکایتی شعر لکھ کر مجھے بھیجا
مرغّن ڈش کے آگے ان کو وعدہ یاد کیوں رہتا
شہیدِ لذّتِ کام و دہن ہوتے رہے راہیؔ
ڈاکٹر فریدی اُردو کے نغز گو شاعر اور بلند پایہ تاریخ نگار تھے۔ تاریخی قطعات کی تخلیق کے میدان میں برصغیر میں ان کے ہم عصروں میں مشکل سے ان کا کوئی ثانی ملے گا۔ اگر میں یہ کہوں کہ ہندوستان میں تاریخ نگاری کی عظیم و قدیم روایت کے آخری پاسدار ڈاکٹر مغیث الدین فریدی تھے، تو شاید غلط نہ ہو گا۔ ان کا مجموعۂ غزلیات ’’کفرِ تمنّا‘‘ اُردو اکادمی دہلی کے مالی تعاون سے ۱۹۸۷ء میں اشاعت پذیر ہوا تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ ’’قطعاتِ تاریخ ‘‘ بھی جیتے جی زیورِ طباعت سے آراستہ ہو جائیں۔ ان کے تلمیذ خاص ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے تمام قطعاتِ تاریخ یکجا کر کے مسودہ بھی تیّار کر لیا تھا۔ مگر ’’اے بسا آرزو کہ خاک شدہ‘‘۔ اچانک ۱۵/ جولائی ۲۰۰۱ء کو ان کا پروانۂ اجل آن پہنچا۔ مرحوم کے لائق و فائق شاگرد نے بہر نوع ایک معیاری کتاب بعنوان ’’مغیث الدین فریدی اور قطعاتِ تاریخ‘‘ چھپوا کر استاد کی ’’تعزیتِ مہرو وفا‘‘ کر دی۔ راقم کا شعری مجموعہ ’’لاکلام‘‘ (مطبوعہ دسمبردوہزار)ماہ عید میں منصۂ شہود پر جلوہ گر ہوا تھا، ڈاکٹر فریدی کا درج ذیل قطعۂ تاریخ ’’تاریخِ مسرت افزا ‘‘ کے نام سے متذکرہ بالا قطعاتِ تاریخ میں شامل ہے :
عید کا چاند بن کے آیا ہے
تحفۂ لا کلام راہی ؔ کا
دَور میں ہے جدیدیت کی شراب
رقص کرتا ہے جام راہیؔ کا
شہرتِ ’لاکلام‘ سے ہو گا
مستند اور نام راہیؔ کا
ہے ’’مہک‘‘ اس کی شاملِ تاریخ
خوشنما لاکلام راہیؔ کا
۶۵+۱۳۵۶=۱۴۲۱ھ (۲۰۰۰ء)
ڈاکٹر مغیث الدین فریدی نے پہلی ہی ملاقات میں گنگا وہار کالونی میں ہی رہائش پذیر شاعر و ادیب فاروق احمد جائسی کی تحسین کر کے ان سے ملاقات کا اشتیاق پید ا کر دیا۔ کچھ ایسی ہی للک غالباً فاروق احمد کے دل میں بھی جاگزیں کر دی ہو گی، ورنہ پہلی ملاقات میں ہی دُوئی کے مٹ جانے کا دونوں کو احساس نہ ہوتا۔ بہت جلد فاروق احمد جائسی کی پرکشش شخصیت ان کی تخلیقی، تنقیدی اور فنی لیاقت و بصیرت نے مجھے گرویدہ بنا لیا۔ یہ ضرور تھا کہ تب میری طرح وہ بھی شعر و شاعری کے تئیں سنجیدہ نہ تھے، ہماری نزدیکیوں نے بہر حال دونوں کے لیے مہمیز کا کام کیا۔ جہاں ایک طرف میری طبیعت دوبارہ شعر و شاعری کی طرف مائل ہوئی وہیں دوسری جانب انھوں نے اپنا اوّلین مجموعۂ کلام ’’شفق رنگ‘‘ ترتیب دیا۔ استاذی علامہ کوثر جائسی نے اپنے تلمیذ خاص کی کتاب کا پیش لفظ قلم بند کیا۔ فاروق احمد جائسی نے مجھ سے بھی اپنی شاعری پر مضمون لکھوا کر ’’شفق رنگ‘‘ میں شامل کیا اور اس کا پہلا نسخہ مندرجہ ذیل کلمات کے ساتھ راقم کی نذر کیا۔
’’مکرمی غلام مرتضیٰ راہیؔ۔ یعنی اُس قابلِ قدر مشہور شاعر کے لیے جس نے مجھے میدان شاعری میں آنے کے لیے تب اُکسایا جب میں شاعری سے تقریباً کنارہ کش ہو چکا تھا۔ ‘‘
معروف نوجوان شاعر جاوید ا کرم فاروقی بھی جاجمؤسے متّصل J.K. Colony میں قیام پذیر تھے۔ ایر فورس کے ’’کیندریہ ودیالیہ‘‘ میں انگریزی کے مدرس تھے۔ میرے ہم جلیس محمد ناظر صدیقی نے انھیں مجھ سے ملوایا۔ جاوید ا کرم بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ، خوب رو، خوش فکر اور نئی نسل کی اگلی صف کے شاعر ہیں۔ ان کی غزلوں میں فکری دبازت اور اسلوب میں تازگی متاثر کرتی ہے۔ ان کے مجموعۂ کلام میں ’’نئے معنی کی تلاش‘‘ کے عنوان سے راقم کا مضمون شامل ہے۔ جاوید ا کرم فاروقی نے اپنا شعری مجموعہ ’’بوئے یاسمن‘‘ درج ذیل تحریر کے ساتھ راقم کی نذر کیا:
’’ ایک ایسی شخصیت جو نہ صرف اپنی شاعری اور اعلیٰ اخلاقی قدروں سے میرے دل و دماغ کو اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہے بلکہ اس کی شفقت بھی مجھے اپنا گرویدہ بنائے ہوئے ہے۔ ‘‘
ترے خلوص کی قیمت چکا نہیں سکتا
ترے خلوص کے سانچے میں ڈھل رہا ہوں میں
(جاوید ا کرم)
ایسی بہتیری کمیاب تحریروں میں سے صرف دو کی مثالوں سے راقم کو یہ باور کرانا مقصود ہے کہ ’’لامکاں ‘‘ (۱۹۷۱ء) اور ’’لاریب (۱۹۷۳ء) کی غزلیں دو(۲) دَہوں کے بعد کی تازہ کار نسل کی اگلی صف کے اعلیٰ تعلیم یافتہ دانشور قلمکاروں کو بدرجۂ اتم محظوظ و مسحور کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر علیم اللہ حالیؔ نے اکیسویں صدی میں کھُلے بندوں اعتراف کیا ہے کہ:
’’اب تک شاعروں کی جو دو نئی کھیپ سامنے آئی ہے اس نے غلام مرتضیٰ راہیؔ کے کلام کے مطالعہ سے لفظوں کو برتنے کا اہتمام سیکھا ہے۔ نئے مضامین کو جزوسخن بنانے کا ہنر جان لیا ہے اور روایت کے حسن کو سمجھ کر اس سے انحراف کرتے ہوئے اظہار کے نئے گوشے پیدا کرنے کا علم حاصل کیا ہے۔ ‘‘
سنٹرل ورک شاپ
کانپور کے سنٹرل ورک شاپ میں اُس وقت کوئی دو(۲) ہزار کارکنان تھے۔ چنانچہ یونینوں (Unions) کی بہتات تھی۔ چھوٹے بڑے لیڈران میں کئی بڑے سرکش تھے، افسران کے خلاف جارحانہ اور مجرمانہ برتاؤ کے لیے بدنام تھے۔ بعض جیل تک کی ہوا کھا چکے تھے، چند کے خلاف مقدمے زیر سماعت تھے۔ ایک ایک کر کے سب سے مجھے متعارف کرایا گیا۔ کسی نے مجھے بتایا کہ میرا ما قبل آفیسر (Predecessor) کمیشن خوری کے لیے بدنام تھا۔ ایک بار اس نے کمیشن کی لالچ میں اسٹاف کے اُو ور ٹائم (Over Time)کے فنڈز (Funds) سے بعض پرائیوٹ پارٹیز کے بلوں (Bills) کی ادائیگی کر دی تھی، پھر کیا تھا ملازمین اور لیڈران مشتعل ہو گئے، پہلے تو اس آفیسر کا گھیراؤ کر کے مردہ باد، کے نعرے لگائے، اس کے بعد اُس کو مع کرسی اٹھا کر کمرے کے باہر پھینک دیا۔ سنٹرل ورک شاپ کو ’سنٹرل جیل‘ سے تعبیر کیا جاتا تھا۔ جاننے والوں کو تعجب تھا کہ راقم جان بوجھ کر یہاں کیسے آ گیا؟ مگر میں ٹھہرا استقامت اور خود اعتمادی کا پیکر۔ پہلے میں نے ورک شاپ کے ہر شعبے کا غائر معائنہ کیا۔ ناخواندہ/ نیم خواندہ، محنت کشوں اور ان کے انتہا پسند لیڈروں سے یگانگت پیدا کی، تبادلۂ خیال کا سلسلہ شروع کیا۔ بہت جلد میں جان گیا کہ اکاؤنٹس کے شعبے کے افسران کے خلاف ان کا خاص غم و غصّہ یہ تھا کہ ۱۹۷۹ء میں تنخواہوں کی نئی شرحوں (New pay scales) کو غیر ذمّہ دارانہ اور نا اہلانہ طریقے سے نافذ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں کئی سو ممتاز (Seniors)کی تنخواہیں ان کے ہم منصب چھوٹوں (Juniors) سے قلیل یا اُن کے مساوی ہو گئی تھیں۔ علاوہ بریں کئی ملازمین ما قبل سے بھی کم تنخواہ پانے لگے تھے۔ مگر ان کی اپیلوں اور احتجاجوں کا اب تک خاطر خواہ نوٹس نہیں لیا گیا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ کارکنوں کی مایوسی اور انتشار میں اضافہ ہوتا گیا اور وہ انتقاماً شعبہ اکاؤنٹس کے افسران کو کسی نہ کسی بہانے رسوا کرنے پر کمر بستہ رہنے لگے۔ ورنہ وہ خوب جانتے تھے کہ جنرل منیجر کی ایما کے بغیر ایک مَد کی رقوم کو کسی دوسری مَد میں خرچ ہونے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔
علی گڑھ ریجن میں ۱۹۷۹ء میں New pay scales کا نفاذ پوری طرح راقم کی نگرانی میں عمل پذیر ہوا تھا۔ جس کے لیے میں نے Pay Fixation order کے ضمن میں موقع بموقع جاری شدہ Govt. Orders اور سب سے بڑھ کر Financial Hand book Vol.II کا غائر مطالعہ کر رکھا تھا۔ لہٰذا میں نے دس سال سے التواء کی شکار اپیلوں کو نمٹانے کا جوکھم بھرا چیلنج قبول کرنے کی ٹھان لی اور ایک ایک سکشن کو لے کر پورے سنٹرل ورک شاپ کی اپیلوں پر منصفانہ اور جرأت مندانہ فیصلے صادر کرتے ہوئے، متاثرہ کارکنوں کی دس سالہ شکایتوں کو صرف تین ماہ میں رفع دفع کر دیا۔ پھر تو میرے کمرے میں ماضی کے مخالف نعروں اور شور شرابے کی صدائے بازگشت کے بجائے جَے جَے کار اور زندہ باد کی گونج سنائی دینے لگی۔ سنٹرل ورک شاپ کانپور کے اپنے اس یادگار کارنامے کو مَیں ہائی ا سکول سے از بر درجِ ذیل مقولے کو معنون کرتا ہوں :
۔ ٰ"If I cannot do great things,
I can do small things greatly"
’’رُوحِ غزل‘‘
آنجہانی سرتیج بہادر سپرو کی قائم کردہ انجمن ’’روح ادب ‘‘ الٰہ آباد کے زیر اہتمام ایک ضخیم انتخاب ’’روح غزل‘‘ کے نام سے ۱۹۹۲ء میں اشاعت پذیر ہوا۔ اس کے مرتّب ڈاکٹر مظفر حنفی ہیں۔ اس میں انھوں نے زندہ و پائندہ غزل گو شعراء کو مندرجہ ذیل چار ادوار میں تقسیم کیا ہے۔
۱۔ پہلا دور ۱۹۴۰ء تک
۲۔ دوسرا دور ۱۹۴۱ء سے ۱۹۵۵ء تک
۳۔ تیسرا دور ۱۹۵۶ء سے ۱۹۷۵ء تک
۴۔ چوتھا دور ۱۹۷۶ء سے ۱۹۹۱ء تک
’’روحِ غزل‘‘ کے لیے میری غزلوں کا انتخاب لامکاں (۱۹۷۱ء) اور لاریب (۱۹۷۳ء) سے کیا گیا ہے۔ یہ غزلیں رسائل میں بہت پہلے چھپ چکی تھیں۔ میرے شعری مجموعوں کے بارے میں ڈاکٹر مظفر حنفی کی ۲۳! جون ۱۹۷۳ء کی درج ذیل رائے بھی ملاحظہ فرما لیں :۔
’’بیشک تم نے ’’لامکاں ‘‘ سے ’’لاریب‘‘ تک کا سفر تیز رفتاری اور کامیابی کے ساتھ طے کیا ہے۔ ’’لامکاں کے نقوش تازہ مجموعے میں گہرے ہو گئے، موضوعات کا تنوع بڑھ گیا ہے، اس مجموعے کی اشاعت پر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے اور یہ سوچ کر تقویت ہوتی ہے کہ میرا ایک ہم وطن شاعر میدانِ ادب میں اسی راہ پر گامزن ہے جس پر میں چل رہا ہوں۔ ‘‘
لیکن حقائق سے سراسر چشم پوشی کرتے ہوئے مظفر حنفی نے مجھے محولہ بالا چوتھے دور (۱۹۷۶ء تا ۱۹۹۱ء) کے نو آموز شاعروں میں شامل کیا۔ اس کے علیٰ الرغم ۱۹۸۰ء کے بعد کے بعض شاعروں کو تیسرے دور (۱۹۵۶ء ۱۹۷۵ء ) کا شاعر تسلیم کیا۔ مثال کے طور پر فتح پور کے ظفر اقبال ظفرؔ ۱۹۸۰ء کے بعد شاعری کی طرف مائل ہوئے تھے۔ کمال کی بات یہ ہے کہ ’’روح غزل‘‘ کی غزلوں کا تمام تر انتخاب کتب و رسائل پر مبنی ہے۔ پھر بھی ۱۹۸۰ء کے بعد پہلی بار کسی رسالے میں نظر آنے والے شاعر کی غزلوں کو ڈاکٹر مظفر حنفی نے ۱۹۵۶ ء تا ۱۹۷۵ء کے رسائل میں ڈھونڈ نکالا۔ اس پر طرّہ یہ کہ ’’روحِ غزل‘‘ کے مقدمہ میں غزلیات کے ادواری انتخاب میں سخت گیری اور غیر جانبداری کا دعویٰ کیا گیا۔
نتیجہ دیکھنے سننے کے بعد یہ نکلا
بیان واقعہ کچھ، امر واقعہ کچھ اور
(راقم)
امر واقعہ یہ ہے کہ مظفر حنفی کے مجموعہ ہائے کلام ’’پانی کی زبان‘‘ اور’’ تیکھی غزلیں ‘‘ نیز راقم کے شعری مجموعے ’’لامکاں ‘‘ اور ’’لاریب‘‘ آگے پیچھے زیورِ طباعت سے آراستہ ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں موصوف کے دوش بدوش راقم کا کلام بھی ملک کے ممتاز ادبی رسائل مثلاً شاعر، کتاب، شب خون، تحریک، آج کل، نیا دور، آہنگ وغیرہ میں تواتر کے ساتھ اشاعت پذیر ہو رہا تھا۔ مزید برآں ۱۹۶۵ء تا ۱۹۷۵ء کے دہے میں مظفر حنفی سے بار بار میرا ملنا ہوا۔ دریں اثنا ان کے خلوص کی کشش مجھے فتح پور سے سیہور (بھوپال ) کھینچ لے گئی تھی۔ ہماری ایک یادگار تصویر بھی پروفیسر کرامت علی کرامت کے رسالہ شاخسار میں شائع ہوئی تھی۔ (زیرِ نظر کتاب میں بھی دیکھی جاسکتی ہے ) محولہ بالا دَہے میں ان سے میری متواتر خط و کتابت بھی رہی۔ لہٰذا گمان غالب ہے کہ مظفر حنفی نے بر بنائے مصلحت راقم کو تیسرے دور (۱۹۵۶ء تا ۱۹۷۵ء) کے جدید غزل کے بنیاد گزار شعراء کی صف میں اپنے ساتھ شامل کرنے سے دیدہ و دانستہ گریز کیا۔ بہر حال ’’اُن کا جو فرض ہے وہ اہل سیاست جانیں ‘‘ راقم تو یہ جانتا ہے کہ محمد حسین آزاد کے سو سال سے اوپر کے شہرہ آفاق تذکرہ ’’آبِ حیات‘‘ کا منتھن کر کے یاروں نے دودھ کا دودھ پانی کا پانی کر دکھایا ہے۔ ڈاکٹر مظفر حنفی کی ’’روحِ غزل‘‘ تو ابھی کل کی چیز ہے۔
اَلین فارسٹ ورک شاپ
راقم کو جون! ۱۹۹۳ء میں سنٹرل ورک شاپ سے کانپور کے ہی Allen forest workshop میں تعینات کر دیا گیا۔ الین (Allen) نام کے انگریز کا یہ گھنا اور ہرا بھرا جنگل کسی زمانے میں کمپنی باغ، پتھر کالج اور کملا رِٹریٹ (Kamla Retreat) سے شروع ہو کر گنگا ندی کے ساحل تک پھیلا ہوا تھا۔ کٹنے سے جس قدر رہ گیا ہے اس میں چڑیا گھر (Zoo) قائم کر دیا گیا ہے۔ چڑیا گھر کی مشرقی دیوار سے لگے ہوئے Allen forest workshop کے وسیع و عریض سائبان (Tin Sheds)، عمارات اور سبزہ زار ہیں۔ اوس کھائی ہوئی نرم نرم گھاس پر ننگے پاؤں ٹہلنے سے آنکھوں کو ٹھنڈک اور دل کو راحت پہنچتی تھی
مِلے تلوؤں کو ٹھنڈک جلن آنکھوں کی جائے
چلیں ہم پا برہنہ جہاں تک گھاس نم ہے
(راقم)
ورک شاپ کی بلند و بالا عمارت کی بالائی منزل پر واقع دفتر کے کشادہ کمروں کی لمبی چوڑی بالکونی سے چڑیا گھر کا جزوی نظارہ پورے دن آنکھوں کے سامنے رہتا تھا۔ اکثر سیرو تفریح کے لیے آنے والا کوئی جذباتی جوڑا چڑیا گھر کی چہار دیواری سے لگے ہوئے کسی گھنے درخت کی لچکتی جھومتی ٹہنیوں کی آڑ لے کر بوس و کنار میں مصروف ہو جاتا تھا۔ یہاں آئے دن جنگل میں منگل رہتا تھا۔
الین فارسٹ ورک شاپ ۱۹۷۳ء میں معرضِ تشکیل میں آیا تھا، یہاں کے کارکنان کی تقرریاں براہ راست عمل میں آئی تھیں، یہی وجہ تھی کہ یہاں ۱۹۷۹ء میں تنخواہوں کی نئی شرحوں کے نفاذ میں بیشی کمی کے مسئلوں سے مجھے دوچار نہیں ہونا پڑا، البتہ یہاں دوہرا لیکھا پرنالی (Double entry system of accounts) کا نفاذ آدھا ادھورا ہوا تھا۔ بالخصوص اس کی اصلاح کی غرض سے ہی مجھے یہاں پوسٹ کیا گیا تھا۔ الین فارسٹ ورک شاپ کے جنرل منیجر (G.M.) حکم سنگھ بہ نفسِ نفیس سنٹرل ورک شاپ سے سبک دوش کرا کر اپنے ساتھ مجھے یہاں لائے تھے۔ خود مجھے بھی ملازمت کے آخری پڑاؤ کے طور پر الین فارسٹ ورک شاپ کا پُر فضا مقام پسند تھا۔ یہاں میرے ہم وطن شیو لال سریواستو پہلے سے بطور Asst. Regional Manager (Mech.) تعینات تھے۔ وہ ایک اولوالعزم، جری اور ماہر آفیسر تو تھے ہی، میرے بہت اچھے دوست بھی تھے، کئی مرتبہ وقت پر میرے کام آئے جس سے میرے عزم کو استحکام ملا اور میں بعض جرأت مندانہ فیصلے صادر کر سکا۔ ان میں خود شیو لال سریواستو کے Pay Fixation پر نظر ثانی کا پندرہ سال سے معرض التوا میں پڑا ہوا معاملہ بھی شامل تھا۔
دراصل Balance Sheet ایک ایسے کوزے کی طرح ہوتی ہے جس میں سمندر ٹھاٹھیں مار رہا ہوتا ہے۔ میرے متجسّس ذہن کو ساگر منتھن سے سیرابیِ ذوق کا لطف ملتا تھا۔ بیلنس شیٹ کے دونوں بازوؤں (Liabilities and Assets) کا جوڑ ایک کرنا، مجھے شعر موزوں کرنے کے مصداق معلوم ہوتا تھا۔ میں تو اس فن کو فنون لطیفہ میں شمار کر سکتا ہوں۔ آخر شاعری نیز دیگر فنونِ لطیفہ کی طرح یہ فن بھی فہم و دانش، تفکّر و تجسّس، ہنر مندی، طبع موزوں اور ژرف بینی کا مطالبہ کرتا ہے۔
الین فارسٹ ورک شاپ میں Double entry system of accountsکو صحیح طریقہ سے عملی جامہ پہنانے کے لیے Accountant اور Senior Accountant مقرر تھے لیکن بیشتر اپنے فرائض منصبی کے تئیں پوری طرح سنجیدہ اور وفادار نہ تھے۔ میں ان ماتحت کارکنان سے نہایت سختی کے ساتھ پیش آ سکتا تھا یا صدر دفتر (لکھنؤ) کو شکایت بھیج کر ان کا تبادلہ کرواسکتا تھا یا غفلت اور سہل انگاری کی پاداش میں اُن کے اعمال ناموں کو سیاہ کر سکتا تھا، مگر ریٹائرمنٹ سے ٹھیک پہلے اپنے ماتحتوں کے خلاف سخت کار روائی کرنے کے بجائے ان کی ممکنہ خدمات لے کر میں نے ایک ایک بہی کھاتا Reconcile کیا اور Variations کو ۹۴۔ ۱۹۹۳ء کے سالانہ لیکھا جوکھا (Annual Accounts) میں ضم (Adjust) کرتے ہوئے بیلنس شیٹ تیار کر دی۔ محکمہ کے صدر دفتر اور اے۔ جی(یوپی) (Accountant General, U.P.) کی خصوصی معائنہ جماعتوں (Special Audit Parties) نے میری کارگزاری کو معقول اور مستحسن قرار دیا۔ اس طرح میری محنت سوارت ہوئی۔
سنٹرل ورک شاپ کے کارکنوں کے دس سالہ انتشار کے ازالے کے نتیجے میں ۱۹۷۹ء سے بقایا جات کی ادائیگی پر محکمے کی کثیر رقم خرچ ہوئی تھی۔ اسی طرح الین فارسٹ ورک شاپ میں بھی کئی لاکھ کے فالتو(Superfluous)قرض داروں (Debtors)کو مسترد(Quash) کر دینے سے محکمے کا سرمایہ (Assets) اثر انداز ہوا تھا۔ یہ دونوں امور A.R.M.(Finance) کے فرائضِ منصبی میں شامل تھے، یہ ضرور تھا کہ براہِ راست بھرتی ہونے والے یہ نوجوان افسران ابھی نا تجربہ کار تھے، پھر بھی ریٹائرمنٹ سے ذرا پہلے جان جوکھم میں ڈال کر سرخ روئی حاصل کرنا شاید میری دانش مندی نہ تھی، بہر حال:
بے خطر کود پڑا آتش نمرود میں عشق
رسائل اور شعری محافل سے میرے قطع تعلق کو اب پندرہ برس ہو رہے تھے۔ لہٰذا کانپور نیز بیرونجات کے اُردو کے نو آموز قلمکاروں کی دانست میں راقم محض بیگانہ تھا۔ اس کا یقین مجھے تب آیا جب میں ۱۹۹۴ء میں ایک شعری نشست میں پہلی بار شریک ہوا۔ یہ نشست عائشہ صدیقہ گرلز کالج کے جوار میں ایستادہ ایک عمارت کی بالائی منزل میں منعقد ہوئی تھی۔ اس محفل میں نئی نسل کے بعض ہونہار شعراء مثلاً اسلم محمود، غلام مصطفی فراز، پرویز ادیب وغیرہ موجود تھے مگر مجھے کوئی نہیں جانتا تھا۔ میرا نام تمہید و تعارف کے بغیر پکار لیا گیا۔ حسنِ اتفاق سے میرے ڈائس تک پہنچتے پہنچتے پروفیسر ابوالحسنات حقی آپہنچے، انھوں نے از راہِ خلوص ’’لا مکاں ‘‘ اور ’’لاریب‘‘ کے حوالے سے تحسینی کلمات کے ساتھ مجھے متعارف کرایا۔ میرے پاس ابھی کچھ خاص نیا تو تھا نہیں، اس لیے میں نے اپنے دونوں مجموعوں سے ایک ایک غزل سنا دی۔ اس پر داد و تحسین اور فرمائش کی جھڑی لگ گئی۔ اگلے روز میرا نام اور کلام مقامی اخباروں کی سرخیوں میں آ گیا۔ اس طرح کانپور کی ادبی محفلوں میں صاحبِ اعزاز اور خصوصی مہمان کی حیثیت سے راقم کو مدعو کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ یہ توصیف نہیں، اعتراف ہے کہ بالخصوص ۱۹۸۰ء کے بعد کے نوجوان قلم کاروں اور سامعین کی محفلوں میں ربع صدی قبل کی غزلوں کی غیر معمولی پذیرائی سے ترغیب پا کر ہی میں نے ملک کے تازہ ادبی منظر نامے میں اپنی بازیابی کی غرض سے لامکاں (۱۹۷۱ء) اور لاریب(۱۹۷۳ء) کا مشترکہ جدید ایڈیشن ’’حرف مکرّر‘‘ کے نام سے زیورِ طباعت سے آراستہ کرنے کا ارادہ کیا تھا۔
سال ۱۹۹۴ء کے گزرتے گزرتے میری طبیعت دوبارہ شعر گوئی کی طرف پوری طرح مائل ہونے لگی اور میں کانپور کی ا دبی انجمنوں، علی الخصوص ادب عالیہ، ادبی سنگم، القاضی اور ہم قلم کی طرحی نشستوں میں پابندی کے ساتھ شریک ہونے لگا۔ دریں اثنا ناظرؔ صدیقی نے اپنے اثر و رسوخ سے دُور دَرشن لکھنؤ کے مخصوص اور مقبول پروگرام ’’آئینہ‘‘ کے ذریعہ میرے تجدید تعارف کا سامان بہم پہنچایا۔ ادھر پندرہ سولہ برس کے تخلیقی جمود کے ٹوٹتے ہی میں نے تازہ بہ تازہ غزلوں کے ساتھ دوبارہ رسائل کا رُخ کیا۔ تب تک ماہنامہ کتاب، تحریک، آہنگ وغیرہ بند ہو چکے تھے۔ لیکن ’شب خون‘ میں شمس الرحمن فاروقی نے ’شاعر‘ میں افتخار امام صدیقی نے ’ ایوان اُردو ‘ میں مخمور سعیدی نے، ’آجکل‘ میں محبوب الرحمن فاروقی نے اور نیا دور میں شاہ نواز قریشی نے میری واپسی کا خیر مقدم کیا۔ مدیرانِ کرام نے ’’لامکاں ‘‘ اور ’’لاریب‘‘ کے حوالے سے میری مراجعت کو خوش آمدید کہا:
ستارے چاند سورج کہہ رہے ہیں
چلے آؤ جہاں تک روشنی ہے
(راقم)
بلائے ناگہانی جو ٹل گئی
۲/ ستمبر ۱۹۹۴ء کا دن میرے لیے ملازمت کا یادگار دن ٹھہرا۔ اس دن وزیر ٹرانسپورٹ نے لاؤ لشکر کے ساتھ اچانک الین فارسٹ ورک شاپ کا معائنہ کیا، بلکہ چھاپا مارا۔ وزیر موصوف کے عملے میں محکمے کے این۔ جی۔ چودھری(Chief General Manager) اور ایم۔ ایم لال (S.O.) (وزیر موصوف کے ہم جماعت) بہت ممتاز حیثیت رکھتے تھے۔ ادھر راقم نے اپنے شریک کار، آر۔ کے۔ گپتا (Asst. Regional Manager (Finance)سے زبانی بتا کر اپنی صوابدید سے ۲ !اور ۳! ستمبر ۱۹۹۴ء کو الٰہ آباد کی ڈیوٹی مقرر کر لی تھی، جب کہ ماتحت افسران کو ہیڈ کوارٹر چھوڑنے کی اجازت دینے کے مجاز حکم سنگھ (G.M.) تھے۔ ڈیوٹی کے مطابق الٰہ آباد میں مجھے محکمے کے ریجنل منیجر سے رابطہ اختیار کرنا تھا، لیکن راقم ۲! ستمبر کو آر۔ ایم (الٰہ آباد) سے نہیں ملا۔ جب ۳! ستمبر کو ملنے پہنچا تو انھوں نے چھوٹتے ہی کہا کہ 'Mr, Rahi, You are in hot water' پھر بتایا کہ وزیر ٹرانسپورٹ کے معائنے کے سلسلے سے این جی چودھری نے ۲! ستمبر کو بذریعہ ٹیلی فون یہاں آپ کی حاضری لی تھی۔ اس ضمن میں ان کا تیسرا فون شام سات بجے آیا تھاجس میں آپ کی غیر حاضری کی تصدیق کر دی گئی تھی۔ آر۔ ایم نے راقم کی معطلی کے احکام اب تک جاری ہو جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔ اوّل تو Cabinet Rank کے وزیر محکمہ نے شب خون مارا تھا۔ دوم یہ کہ حکم سنگھ (G.M.) کے خلاف فضا پہلے سے بنی ہوئی تھی۔ اس پر مستزاد، این۔ جی چودھریC.G.M.(O) کی خشک مزاجی اور سخت گیری محکمہ میں اظہر من الشمس تھی، لہٰذا آٹے کے ساتھ گھن کے پس جانے کا قوی اندیشہ تھا۔
الٰہ آباد سے کانپور کی واپسی کی راہ مجھ سے کاٹتے ہی بنی تھی۔ فروری ۱۹۹۵ء میں پڑنے والی میری Efficiency Bar پر معطلی کا اثر انداز ہونا یقینی تھا، اور اس کے فوراً بعد مارچ ۱۹۹۵ء میں ملازمت سے سبک دوش ہونے پر میری پنشن اور گریچویٹی کا التوا میں پڑ جانا بھی طے تھا۔ وسوسوں اور واہموں کے درمیان معاً یہ خیال بھی آیا کہ این۔ جی چودھریC.G.M.(O) موجودہ منصب سے پہلے D.G.M. (West Zone) کے عہدے پر کئی سال فائز رہے تھے۔ West Zone کے دائرے میں علی گڑھ، آگرہ، غازی پوری، میرٹھ اور دہرہ دون ریجن شامل تھے۔ اور این۔ جی۔ چودھری علی گڑھ کے راقم (G.M. Khan)کو اس اعلیٰ کارکردگی اور دیانت داری کے سبب خان (Khan) کے نام سے جانتے مانتے تھے۔ علی گڑھ اور ایٹہ کے بس اسٹیشنوں میں ہوئے غبن (Embezzlements) کی انکوائری بھی اسی ’’خان‘‘ نے انجام دی تھی۔ Charge Sheets بھی راقم نے تیار کی تھیں اور ان کے بنیاد پر جن قصور واروں کو ملازمت سے برطرف کیا تھا وہ کسی بھی جتن سے بحال نہیں ہو سکے تھے۔ علاوہ ازیں West Zone میں جگہ جگہ پرانی بسوں اور فالتو کل پرزوں (Spare parts) کی نیلامی کے انتظام و انصرام کے لیے بھی موصوف ’’خان‘‘ کو یاد کرتے تھے۔ لہٰذا ان سے میرا بالمشافہ ہونا، مشورہ کرنا اور ضروری ہدایات حاصل کرنا معمولات میں شامل تھا۔ محنت اور وفا شعاری کے صلے میں این۔ جی۔ چودھری نے اسی ’’خان‘‘ کو متواتر دو سال خصوصی معاوضہ (Special Honorarium) تفویض کیا تھا، مگر ان خوش گمانیوں سے میرے دل کو ذرا بھی تسلّی نہ ہوئی، وجہ یہ تھی کہ پورے محکمے کا عقیدہ تھا کہ چودھری کو کسی پر اپنی گرفت ڈھیلی کرنا نہیں آتا، پھر یہ کہ ۲ !ستمبر کے وزیر موصوف کے معائنے میں معاون کی حیثیت سے انھیں اپنی وفادارانہ کارکردگی کا ثبوت بہم پہنچانا ہی تھا۔
بہر نوع، اُفتاں خیزاں، اگلے دن الین فارسٹ ورکشاپ پہنچ کر سب سے پہلے میں اپنے شریک کار آر۔ کے۔ گپتا سے ملا، انھوں نے بتایا کہ معائنے میں راقم کی غیر حاضری کی بابت پوچھے جانے پر جنرل منیجر کا جواب تھا کہ انھوں نے الٰہ آباد ڈیوٹی پر بھیجا ہے۔ جب خود حکم سنگھ نے یہی بات مجھ سے کہی تو میں فرط ممنونیت سے آبدیدہ ہو گیا۔ خود مصیبت میں گرفتار حکم سنگھ نے راقم کے لیے جال سے نکلنے کی سبیل پیدا کر دی۔ لیکن جب میں نے ۲! ستمبر کو این۔ جی۔ چودھری کی الٰہ آباد پہنچنے والی ٹیلی فون کالوں اور خود اس روز الٰہ آباد کے آر۔ ایم آفس نہ پہنچنے سے حکم سنگھ کو باخبر کیا تو وہ بے چین ہو گئے۔ بولے، میرا معطل (Suspend) ہونا لگ بھگ طے ہے، البتہ میں نے آپ کو صاف بچا لیا تھا، لیکن الٰہ آباد میں آپ کی غیر حاضری کی تصدیق ہو جانے سے آپ کے گلے میں بھی چودھری کا پھندا پڑ چکا ہے۔ لہٰذا آپ اسی وقت لکھنؤ روانہ ہو جائیں۔ وہاں پہلے ایم۔ ایم۔ لال سے ملیں، وہ منتری مہودیہ کا خاص آدمی ہے۔ لکھنؤ میں ایم۔ ایم۔ لال نے بتایا کہ آپ کی معطّلی کا معاملہ C.G.M.(O) کے زیر غور ہے۔ آپ ان سے فوراً مل لیں۔ جیسے ہی میں این۔ جی۔ چودھری کے کمرے میں داخل ہوا، مجھے دیکھ کر بولے، کہیے مسٹر خان کیسے آنا ہوا؟ بس میں آنِ واحد میں بھانپ گیا کہ چودھری کی دانست میں ’’خان‘‘ راقم ہے اور راہیؔ کوئی دوسرا ہے۔ چنانچہ میں نے عرض کیا کہ محترم علی گڑھ میں خادم کو ’’جی۔ ایم۔ خان‘‘ کے نام سے جانا جاتا تھا لیکن الین فارسٹ ورکشاپ کانپور میں ’’جی۔ ایم راہیؔ‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ میں نے مزید گوش گزارکیا کہ الٰہ آباد پہنچنے پر آر۔ ایم کی زبانی معلوم ہوا کہ خاکسار کو عالی جناب نے بذریعہ ٹیلی فون یاد فرمایا ہے۔ لہٰذا تعمیل ارشاد کے لیے حاضر خدمت ہوا ہوں۔ موصوف بولے، ’’اچھّا اچھّا ‘‘ مگر مجھ سے کچھ بھی نہ پوچھا اور کہا ٹھیک ہے، اب آپ جائیے اور اپنا کام دیکھئے۔ میں آداب کہہ کر کمرے سے نکل آیا۔ باہر چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں کہ منیجنگ ڈائریکٹر نے حکم سنگھ (G.M.) کی معطّلی کے حکم نامہ پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس خبر سے مجھے لگا جیسے اب میری بھی خیر نہیں ہے۔ لیکن دن گزرتے گئے میری معطّلی یا جواب طلبی نہ ہوئی، یہاں تک کہ ایک دن وزیر موصوف کے معائنے کی روداد (Inspection Report) بھی آ گئی۔ اس میں راقم کے بارے میں لکھا گیا تھا کہ پردھان پربندھک(G.M.) نے بتایا کہ لیکھا ادھیکاری(A.O) کو ضروری کام سے الٰہ آباد بھیجا گیا ہے۔ اس طرح این۔ جی۔ چودھری نے West Zone کے اپنے خصوصی معاون ’’خان‘‘ کے احسان کا بدلہ چکا دیا۔ اس سانحہ پر وہ کہانی صادق آتی ہے جس میں بھوکے شیر نے ایک آدمی کو اپنی خوراک بنانے سے اس لیے گریز کیا تھا کہ وہ آدمی اس کا محسن نکلا۔ اس نے کبھی اس شیر کے پنجے سے کانٹا نکالا تھا۔
این۔ جی۔ چودھری سے میرا بَروقت روبرو ہونا غیبی اشارہ تھا۔ یہ اشارہ سنٹرل ورکشاپ کانپور کی ان ہزاروں دعاؤں کا ثمرہ تھا جن کو مجھ سے فیض پہنچا تھا، میری ان نیکیوں کا صلہ تھا جن کو میں دریا میں ڈال آیا تھا۔
ریٹائرمنٹ
۳۱!مارچ ۱۹۹۵ء کا دن میرے لیے ملازمت کی قید و بند سے مکمل آزادی کا پروانہ لے کر آیا۔ اس شام ملازمت سے سبک دوش ہو کر جب میں الین فارسٹ ورکشاپ سے گھر کے لیے روانہ ہوا تو راستے میں پھُولا نہیں سما رہا تھا۔ میرے پاس پُرانے گانوں کا عمدہ (Collection) تھا، گھر پہنچ کر میں نے لتا منگیشکر کے اس گانے کو مکرّر سنا تھا:
پنچھی بنو ں اڑتی پھروں نیل گگن میں
آج میں آزاد ہوں دُنیا کے چمن میں
راقم السطور کے وظیفہ یاب ہونے پر کانپور کے مستند لٹریری سرکل ’’ادب عالیہ‘‘ کے زیرِ اہتمام عرشی گرلز انٹر کالج کانپو کے وسیع ہال میں ایک یادگار الوداعیہ اور شعری نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس جلسے کے وقار میں اضافہ کرنے والے خصوصی مہمانوں میں ڈاکٹر مغیث الدین فریدی، علامہ کوثر جائسی، ڈاکٹر مظفر حنفی اور پروفیسر ناز قادری کے علاوہ شہر کے اکابرین ادب، پروفیسر ابوالحسنات حقی، نامی انصاری، عشرت ظفر، ناظر صدیقی، محمد احمد رمز، زبیر شفائی، شاعر فتح پوری، فاروق جائسی، غلام مصطفی فراز اور اسلم محمود خاص تھے۔ ادب عالیہ کے پیش کردہ ’’سپاس نامہ‘‘ کی یہ سطور بے حد معنی خیز ہیں :
’’غلام مرتضیٰ راہیؔ نے جب شاعری کا سفر شروع کیا، بڑے اضطراب و انتشار کے دن تھے۔ صاف لگتا تھا کہ ایک لاوا اپنے بہاؤ کے لیے سمت و جہت کی تلاش میں ہے۔ ہم گواہ ہیں کہ راہیؔ ان دنوں اپنی صبح و شام کے تناظر بدلتا رہتا تھا۔ ذات کی تلاش میں ذات کی ٹوٹ پھوٹ کے ایسے منظر ہم نے اپنے ہم عصروں میں نہیں دیکھے تھے۔ لیکن روایتی ذہن اور اسالیب کے ساتھ شاعری شروع کرنے والا راہیؔ ذات کے سراغ میں دو سال سے بھی کم عرصے میں باقاعدہ جدیدیت کے حصار میں آ گیا تھا۔ وہ اپنی رفتار اور آہنگ قدم کا تنہا مسافر تھا۔ اس نے لہجے کی بے ساختگی کی حد تک اتباع کیا، اس نے جدیدیت کے شارحین کو حرف غلط کی سی بھی اہمیت نہیں دی۔ انتشار ذات کے ان لمحوں میں سچی اور چمکدار جدیدیت اور جدید شاعر کا سراغ پا لینا غلام مرتضیٰ راہیؔ کا کرشمہ ہے کہ اس کو نئی غزل کی تاریخ میں اپنی نشست بھی تو محفوظ کرنی تھی۔ راہیؔ نے لفظوں کو لہجے کی گرفت میں دے کر نئی معنویت سے آشنا کیا۔ اس کی شاعری میرؔ صاحب کے آہنگ کا نشاۃ ثانیہ کہی جاسکتی ہے۔ اس حد تک کہ لفظ شاعری کے اندرون کا ذاتی نقیب و مظہر بن جائے۔ راہیؔ نے اپنی شاعری سے محاوروں کو نئے اطراف و جہات عطا کیے ہیں۔ اللہ اسے انہماک اور تراوشِ خون جگر کا صلہ دے۔ ‘‘
پہنچی وہیں پہ خاک......
وظیفہ یابی کے بعد مستقل رہائش کے لیے علی گڑھ میری پہلی پسند تھا، یہاں میں نے عمر کے ۱۹ برس گزارے تھے، لیکن مشکل یہ تھی کہ اوّل تو میں صاحبِ اولاد نہیں تھا، دوم یہ کہ اس شہر میں بڑھاپے میں سہارے کے لیے کوئی دوسری لاٹھی بھی میسر نہ تھی۔ کانپور میرے ددھیال، ننھیال اور سسرال سے بھرا پُرا تھا اور راقم جاجمؤ میں اپنے سب سے چھوٹے برادر نسبتی کی شراکت میں ۱۹۹۰ء سے مقیم تھا۔ یہاں ڈاکٹر مغیث الدین فریدی، فاروق احمد جائسی، جاوید ا کرم نیز دیگر اہلِ ذوق رہائش پذیر تھے۔ شہر میں بھی اعزا و احباب کا ایک وسیع حلقہ تھا۔ لیکن پیرانہ سالی میں بھائی بھتیجوں کے قُرب کی ضرورت کا احساس پھر بھی میرے دل میں جاگزیں رہا
رہا میں نقطۂ پرکار کی طرح تنہا
ہزار گِرد مرے اِک وسیع حلقہ تھا
(راقم)
کانپور سے ۷۶ کلو میٹر پر واقع فتح پور میرا مؤلد وطن تھا، یہاں والد مرحوم کے کشادہ مکان میں میرے دونوں برادرانِ خرد، اپنے پانچ پانچ بچوں کے ساتھ اقامت گزیں تھے۔ ہماری بہن سکندر جہاں بھی مع دختر، بھائیوں کی شراکت میں رہ رہی تھی۔ فتح پور سے قریب ہی آبائی قصبہ کنورپور میں چچا کا کنبہ آباد تھا، وہاں کھیت کھلیان، باغ بغیچہ، چرند پرند سب تھے۔ شہر اور گاؤں ہر جگہ بچپن کے سنگی ساتھی بھی تھے۔ حاصل کلام یہ ہے کہ یہاں میرے لیے ایک مانوس، آزاد اور سازگار فضا تھی۔ علاوہ بریں گھر کا بزرگ اور مکھیا ہونے کا اعزاز بھی مجھے حاصل تھا۔ افرادِ خانہ، تعلیم یافتہ، مہذّب اور سعادت مند تھے۔ بڑا باپ (تایا ) ہونے کے ناطے بچوں سے کام لینے، ان پر پدرانہ حق جتانے اور ان کی نگہداشت کرنے کا اختیار بھی مجھے حاصل تھا۔ دیکھا جائے تو بھائیوں کے بچّے، میری لا اَولادی کے غم کا مداوا تھے۔ دوسری جانب میری زمین جائیداد، گھر دوار، مال و متاع، الغرض میری Fixed & floating assets کے قانونی وارث یہی افراد خانہ تھے۔ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ لہٰذا ریٹائرمنٹ کے بعد علی گڑھ یا کانپور میں بود و باش اختیار کرنے کا ارادہ ملتوی کرتے ہوئے اہلیہ اور میں نے اتفاق رائے سے فتح پور کے آبائی مکان کو ہی عمر کا آخری پڑاؤ قرار دے دیا۔ آبائی مکان کے ایک چوتھائی حصّے میں (جو میرے لیے کافی تھا) خوش نماسی راہی ؔ منزل تعمیر کرالی اور ۲۷ ستمبر ۱۹۹۵ء کے دن کانپور سے نقل مکانی کر کے راہیؔ منزل میں بوریا بستر جما لیا۔ میرا چھوٹا سایہ دو منزلہ مکان بہت جلد انواع و اقسام کے خوشبودار پھولوں سے مہکنے لگا۔
پودے ہر فصل کے ہیں میرے یہاں
کیاری پھولو ں سے بھری رہتی ہے
(راقم)
اوائل ۱۹۹۷ء کی ایک شام، پودوں کی آبیاری کرتے میں اہلیہ کا دایاں پاؤں اچانک زینے سے پھسل جانے سے ٹخنے کے پاس فریکچر ہو گیا۔ ڈھائی ماہ تک گھٹنے گھٹنے پلاسٹر چڑھا رہا۔ رفع حاجت تک کے لیے افرادِ خانہ پر منحصر رہیں۔ محتاجی کے دنوں میں گھر کی بہو بیٹیوں نے بڑی تندہی، سعادت مندی اور خوش دلی کے ساتھ اہلیہ کی تیمار داری کی، ساتھ ہی بطریق احسن میرے گھر کا کام کاج سنبھالا۔ اس طرح وطن واپسی کا ہمارا فیصلہ شروع میں ہی صحیح ثابت ہو گیا۔
نورالہدیٰ اسکول
فتح پور میں وارد ہونے کے ساتھ ہی راقم کو یہاں کی ملّی رفاہِ عام سوسائٹی کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔ معروف افسانہ نویس اور انشائیہ نگار ضیاء حسنی سوسائٹی کے صدر تھے۔ ملّی رفاہ عام سوسائٹی کے ماتحت تعمیر شدہ نورالہدیٰ انگلش میڈیم اسکول، دراصل سوسائٹی کے بانی اور فتح پور کے بطل جلیل مولانا محمد عمر شریف مظاہری کے خواب کی تعبیر ہے، البتہ زمین کی فراہمی اور اسکول کی بنیاد گزاری میں پرنسپل ریاض الدین (مرحوم ) کے فرزند ارجمند نیز انگلینڈ کے معزز شہری و سرکردہ قانون داں ظفر منیر شبلی اور انگلینڈ کے ہی شبلی کے یار غار عقیل احمد خاں کا قابلِ لحاظ مالی تعاون بھی شاملِ حال ہے۔ شبلی نے ملّی رفاہِ عام سوسائٹی نیز اسکول کی تاسیس میں کلیدی رول ادا کیا۔ لندن میں انھوں نے اہلِ خیر کی قانونی خدمات کا معاوضہ خود وصول کرنے کے بجائے ملّی رفاہِ عام سوسائٹی کو مالی تعاون دلوایا۔ شبلی، فتح پور میں راقم کے ہم مکتب تھے جبکہ عقیل احمد کرائسٹ چرچ کالج کانپور میں راقم کے ہم جماعت رہے۔ ضیاء حسنی اور ان کے برادرِ نسبتی ظفر منیر شبلی تو اللہ کو پیارے ہو گئے مگر ان کی زندگی میں ملّی رفاہِ عام سوسائٹی کے ماتحت جو بنیاد رکھ دی گئی تھی، اس پر نورالہدیٰ انگلش میڈیم اسکول کی بلند و بالا اور خوشنما عمارت ایستادہ ہو چکی ہے۔ عقیل احمد خاں نے اپنے مرحوم والدین تجمّل حسین خاں اور بیگم قمر ضیاء کے ایصال ثواب کی خاطر اسکول میں وضو خانہ کی تعمیر اور آب رسانی کے لیے Boring کا اہتمام کیا۔ مرحومین کے ناموں کا ایک خوشنما کتبہ وضو خانہ میں نصب ہے۔ اس اسکول کا امتیاز یہ ہے کہ اس کے نصاب میں مسلم طلباء اور طالبات کے لیے اُردو ایک لازمی مضمون ہے۔ راقم نے موقع بموقع کلاسوں کا معائنہ کیا ہے۔ ماشاء اللہ غیر مسلم بچے بھی ذوق و شوق سے اُردو لکھتے پڑھتے ہیں۔ اسکول کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور چُست دُرست نظم و نسق کے لیے کیپٹن محمد مقصود خاں (M.A. (Eng.) M.A. Sp. Science, M.Ed) جیسے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار پرنسپل کو خراج تحسین پیش نہ کرنا کتمانِ حق ہو گا۔ موصوف کا وطن مالوف الٰہ آباد ہے اور آپ Army educational corps سے بطور Captain وظیفہ یاب ہوئے۔ اسکول کے پاس کئی ایکڑ زمین ہے، کھیل کا میدان ہے، بچوں کا ہاسٹل ہے، سائنس اور کمپیوٹر کی تعلیم کا بندوبست ہے اور یہ عالیشان Setup قوم و ملّت کے سرمایہ کا مرہون ہے۔ معروف شاعر و ناقد رونق شہری اور راقم کے ریسرچ اسکالر حسن نظامی نے نورالہدیٰ اسکول کو قوم و ملّت کے لیے ایک آئیڈیل قرار دیا تھا۔ اگر اسکول کے بانی و مہتمم مولانا محمد عمر شریف مظاہری کو فتح پور کا سرسیّد کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔
ادبی سرگرمیاں
راقم جب ربع صدی کے بعد ۱۹۹۵ء میں ایک بار پھر فتح پور میں وارد ہوا تو یہاں ادبی سرگرمیاں بدستور جاری تھیں۔ رسائل کے وسیلے سے ظفر اقبال ظفرؔ ادبی حلقوں میں متعارف ہو چکے تھے۔ م۔ اخلاق، اندر سروپ سریواستو، سعید الظفروسیم وغیرہ کا کلام بھی رسائل میں تواتر کے ساتھ اشاعت پذیر ہو رہا تھا۔ افسانہ میں جمال احمد اور تحقیق و تنقید میں گوہر مسعود کی طرف اہلِ نظر کی توجّہ منعطف ہونے لگی تھی۔ لیکن اب فتح پور میں استاذی نواب علی خاں گوہرؔ (مرحوم) جیسا کوئی قادر الکلام اور ماہر عروض ادیب و شاعر نہیں رہا تھا جس کی رائے کوسند کا درجہ دیا جاسکتا، بہر کیف شہر کے معروف شاعر (پرنسپل) اندر سروپ سریواستو اور سعید الظفر وسیمؔ راقم سے باقاعدہ مشورۂ سخن کرنے لگے تھے۔ ازاں بعد شہر کے جانے مانے بزرگ شاعر رحمن قدّوس نے بھی اپنے مجموعۂ کلام کا مسوّدہ برائے اصلاح و انتخاب راقم کی نظر گزار کیا۔
فتح پور میں مَردوں (Gents)میں تا حال اکیلے ڈاکٹر اسماعیل آزاد کو ہی اُردو میں ڈاکٹر آف فلاسفی (Ph.D) کا اعزاز حاصل ہے۔ مزید برآں آنجناب ایل۔ ایل۔ بی، مولوی و فاضل اور نگراں ریسرچ اسکالرز بھی ہیں۔ موصوف ۲۰۰۲ء میں فتح پور کے مہاتما گاندھی پوسٹ گریجویٹ کالج سے بحیثیت ریڈر و صدر شعبہ اُردو وظیفہ یاب ہوئے تھے۔ ڈاکٹر آزاد کو نام و نمود اور سستی شہرت سے دُور کا بھی لگاؤ نہیں ہے۔ مشاعروں اور شعری نشستوں سے کوئی سروکار نہیں رکھتے۔ آپ کی وقیع و موقر ذاتی لائبریری میں عربی، فارسی، اُردو اور انگریزی کی درجنوں وقیع لغات ہیں جن سے وقتاً فوقتاً راقم نے استفادہ کیا ہے۔ صنف نعت پر ڈاکٹر اسماعیل آزاد کے تحقیقی اور تنقیدی کا رہائے گراں مایہ کے اعتراف میں موصوف کو پاکستان نعت اکادمی کا بین الاقوامی حیثیت کا سلور جبلی ایوارڈ تفویض ہو چکا ہے۔ دُنیائے ادب میں آپ تنِ تنہا اُردو کے ایسے نگراں ریسرچ اسکالرز ہیں جن کی نگرانی (Supervision) میں صنف نعت کے مختلف Topicsپر اب تک پانچ ریسرچ اسکالرز کو پی ایچ۔ ڈی کی ڈگری مل چکی ہے۔ چھٹویں ریسرچ اسکالر یہاں کے گوہر مسعود بھی ڈاکٹر آزاد کی دیکھ ریکھ میں صفِ اوّل کے نعت گو محسنؔ کاکوروی پر اپنا تحقیقی مقالہ ترتیب دے کر کانپور یونیورسٹی کو پیش کر چکے ہیں۔ نعت کے علاوہ موصوف کی زیر نگرانی اُردو کے دیگر اصناف ادب پر بھی پی ایچ۔ ڈی کی اسناد تفویض ہو چکی ہیں۔ مختلف اصنافِ ادب پر آپ کے تحقیقی اور تنقیدی رشحات قلم بر صغیر کے کتب ورسائل کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ڈاکٹر آزاد کی حیات اور ادبی خدمات پر ایک مبسوط تحقیقی مقالہ برائے پی ایچ۔ ڈی ترتیب دیا جائے۔
فتح پور کی جن چند معدود شخصیتوں نے مجھے خصوصیت کے ساتھ متاثر کیا ان میں نامور ایڈوکیٹ محمد معین الدین بہت اہم ہیں۔ موصوف شہر کی معزز شخصیت ہیں، شاعر، ناقد یا افسانہ نہیں ہیں بلکہ ایک دانشور ادیب ہیں۔ قدرت کی طرف سے آپ کو اعلیٰ درجے کی سخن فہمی اور تنقیدی بصیرت ودیعت ہوئی ہے۔ آپ کو مطالعہ کا بھی ذوق ہے۔ ادب اور ادیب نوازی میں شہر میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ آپ کے امتیاز و اعتبار اور آپ کی ہر دل عزیزی کا راز یہ ہے کہ ربط و ضبط اور رسم و راہ میں آپ مصلحتوں اور تحفظات کو مانع نہیں ہونے دیتے۔ ایک بار شہر کے قلم کاروں کی ایک سہ نفری جماعت نے جس کو فاضل ایڈوکیٹ کی سرپرستی حاصل ہے، شعر و سخن کی ایک محفل میں جس میں راقم بوجوہ شریک نہیں ہوا تھا یہ اعلان کر دیا کہ آئندہ اس جماعت میں سے بشمول فاضل ایڈوکیٹ محمد معین الدین کوئی بھی اپنے شعری یا نثری پروگرام میں راقم کو مدعو نہیں کرے گا۔ اس پر فاضل ایڈوکیٹ نے بر سرِ محفل دو ٹوک الفاظ میں مذکورہ اعلان سے اپنے آپ کو الگ کر لیا۔ موصوف نے ادب میں سیاست کے دخل در معقولات کو گوارا نہیں کیا۔ یہ بات بعض معتبر شرکائے محفل کے علاوہ خود موصوف کی زبانی سُن کر ان کے غازیِ کردار ہونے کا ثبوت ملا اور میرے دل میں ان کی قدر و منزلت دوبالا ہو گئی۔ دراصل اپنی صوابدید سے اہم فیصلے کرنا خود اعتمادی اور ایمان و ایقان کی دلیل ہے۔ یہی وہ جوہر اصل ہے جو شخصیت کو محترم اور معتبر بناتا ہے۔ میرا عقیدہ ہے کہ انفرادی مضبوطی کے بغیر اجتماعی اتحاد ہمیشہ کمزور اور پھُس پھُسا ثابت ہوتا ہے۔ ایسے اتحاد سے ادب کی جگہ سیاست اور جارحیت کو فروغ ملتا ہے۔
حرفِ مکرّر
اوائل ۱۹۹۷ء میں راقم نے لامکاں (۱۹۷۱ء) اور لاریب (۱۹۷۳ء) کا (ترمیم، تخفیف اور اضافہ کے ساتھ) مشترکہ جدید ایڈیشن ’’حرفِ مکرّر ‘‘ کے نام سے شائع کیا۔ اُردو کی ذہین اور تازہ کار نسل نے آگے بڑھ کر ’’حرفِ مکرّر ‘‘ کا خیر مقدم کیا۔ راقم کو اپنی غیر متوقع بازیافت سے باور آیا کہ ’’لامکاں ‘‘ اور ’’لاریب‘‘ کی تیس بتیس سال پرانی غزلیں، تازہ فکر اور جدید اسلوب سے پوری طرح ہم آہنگ ہیں اور ان کی معنویت، انفرادیت اور تازگی بدستور برقرار ہے۔ ’’حرفِ مکرّر ‘‘ کے مطالعے سے نئے قاری کو راقم کی انفرادی شناخت کے ساتھ ساتھ کم و بیش نصف صدی کے شعری رویّے، تبدّل اور تخلیقی سفر کے پیچ و خم کا مشاہدہ اور تجربہ بھی ہوا۔ معاصرین اور پیش رَو قلم کاروں نے بھی حرفِ مکرّر کی خاطر خواہ پذیرائی کی۔ چند مستند آراء پیش ہیں :
٭ مظہر امام نے تبصرہ کیا کہ:
’’حرفِ مکرّر‘‘ کے بغیر جدید غزل کا مطالعہ ادھورا رہے گا۔ ‘‘
٭ ڈاکٹر احمر لاری نے رائے دی کہ :
’’لامکاں ‘‘ اور ’’لاریب‘‘ کو ’’حرفِ مکرّر ‘‘ میں پڑھ کر قند مکرّر کا لطف آیا۔ اس میں شامل اشعار کی معنویت اور تازگی اب بھی برقرار ہے اور یہ اشعار آج کل کے کہے ہوئے معلوم ہوتے ہیں۔ راہیؔ ایک جینوئن شاعر ہیں ان کے اشعار ایک مدّت تک پڑھنے والوں کو مسرت اور بصیرت فراہم کرتے رہیں گے ‘‘۔
٭ شاہد ماہلی نے باور کرایا کہ:
’’میں آپ کی شاعری کا بڑا پرانا مدّاح ہوں۔ آپ کی غزلیں دِل و دماغ سے بہت قریب ہیں۔ جدید اُردو غزل کے آپ جیسے چند شعرا ہی رہ گئے ہیں جو غزل کے فن کو پوری طرح نباہ رہے ہیں ورنہ اب تو غزل ذاتی کرتب بازی ہو گئی ہے ‘‘۔
٭ پروفیسرانیس اشفاق نے اپنے خط میں لکھا کہ:
’’آپ کی شاعری کا میں شروع سے قائل ہوں۔ حرفِ مکرّر کا مجموعی مطالعہ پڑھنے والوں پر ایک نیا تاثر قائم کرے گا۔ جہاں تک میرا تعلق ہے حرفِ مکرّر کی باز خوانی نے میرے اس یقین کو پختہ کر دیا ہے۔ ‘‘
٭ امریکا سے مامون ایمن نے لکھا کہ:
’’بحیثیت غزل گو آپ ادبی ازدحام میں سرخَیل اور سر بلند نظر آتے ہیں۔ یہ اعتراف ہے، توصیف نہیں ‘‘۔
٭ ڈاکٹر ابو محمد سحرؔ نے بتایا کہ:
’’حرفِ مکرّر میں آج بھی بے تکان قسم کی انفرادیت ہے۔ شاعری میں یہ خوبی کسی شعوری کوشش سے پیدا نہیں ہوتی، بلکہ فطری صلاحیت کا کرشمہ ہوتی ہے۔ ‘‘
٭ پرکاش فکری نے انکشاف کیا کہ:
’’حرفِ مکرّر میں جس راہیؔ سے میں مل رہا ہوں لگتا ہے یہ تو میرے لیے بالکل نیا ہے، ا س میں تیس پینتیس گزرے سالوں کی گرد کہیں نظر نہیں آئی۔ یہ مجموعہ میرے اس قول کی ہر صورت سے تصدیق کرتا ہے کہ ’’کچھ ایسے پھول ہیں جن کی مہک نہیں جاتی‘‘۔
٭ پروفیسر گوپی چند نارنگ کی مرتبہ کتاب ’’مابعد جدیدیت : ایک مطالعہ‘‘ میں عشرت ظفر کی رائے کا خلاصہ کچھ اس طرح ہے کہ غلام مرتضیٰ راہیؔ ساتویں دہائی میں لاشعوری طور سے ۱۹۸۰ء کے بعد کے تفکّر اور آہنگ والی غزلیں تخلیق کر رہے تھے، گویا راقم کو ’’عندلیبِ گلشن ناآفریدہ‘‘ سے تعبیر کیا۔
۱۹۹۷ء میں اُردو زبان و ادب کی مجموعی خدمات کے اعتراف میں راقم کو آل انڈیا میرؔ اکادمی لکھنؤ کا وقیع و موقر ’’امتیازِ میرؔ ‘‘ ایوارڈ تفویض ہوا اور ۱۹۹۸ء میں صوبہ بہار کی ساہتیہ کار سنسد نے حرفِ مکرّر کو شاد عظیم آبادی نام کے اعلیٰ قومی و ادبی انعام و اعزاز سے نوازا۔
اسی دوران علی گڑھ کے مشہور و مقبول شاعر رئیس الدین رئیس نے حرفِ مکرّر کی چند جلدیں بیرون ملک کے اپنے احباب کی نذر کیں، جن کے وسیلے سے اُردو کے بعض ممتاز دانشور قلمکاروں، مثلاً امریکہ کے مامون ایمن اور صفوت علی صفوتؔ سے راقم متعارف ہوا نیز قلمی دوستی ہوئی۔ جلد ہی کارڈف (انگلینڈ) سے سہ ماہی لبرٹی کا اکتوبر تا دسمبر (۱۹۹۷ء) کا شمارہ آ گیا جس میں حرفِ مکرّر پر رسالے کے مدیر (انور شیخ) کا تبصرہ شامل تھا۔ ابھی تک میں انور شیخ کے نام اور کام سے قطعی ناواقف تھا۔ اس لیے تبصرے کے مندرجہ ذیل جملوں پر میرا چونک پڑنا واجب تھا۔
’’حرفِ مکرّر ان تمام منازل کو طے کر چکا ہے جو کسی شاعر کو میدان شعری میں لا کر اسے شہسوار کے خطاب سے نوازتی ہیں۔ حرف مکرّر کو سرسری انداز میں پڑھنا بے ذوقی کی دلیل ہے۔ اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے گہرے مطالعہ کی ضرورت ہے۔ ‘‘
’’راہیؔ کی شاعری صرف اس کے ذاتی جذبات کی تشہیر کا ہی ذریعہ نہیں بلکہ قدرت نے اسے ایسا عمرانی ملکہ بھی عطا کیا ہے جو مسائل انسانی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ راہی کا اندازِ بیان منفرد ہے، اس میں بے ساختگی اور نوکیلا پن ہے۔ ‘‘
سات سمندر پار کی ایک بالکل اجنبی شخصیت کے قلم سے درج بالا رشحات کیسے تراوش کر گئے ؟ مجھے، مشکل سے یقین آیا۔ بہر کیف میں نے ایک خط سے انور شیخ کا شکریہ ادا کیا اور یہ سلسلۂ جنبانی سردست یہیں ختم ہو گیا۔
فتح پور کا ایک خوش فکر شاعر
۱۹۹۷ء میں ہی سعید الظفر وسیمؔ کا مجموعۂ کلام ’’ریگ رواں ‘‘ اور اندر سروپ سریواستو کا دیوان ’’شاخ لرزیدہ‘‘ اشاعت پذیر ہوئے۔ ان مجموعوں کے شاعروں اور نقادوں نے اصلاح اور انتخاب کے ضمن میں راقم کی محنت شاقہ کا کھل کر اعتراف اور استحسان کیا۔ مثال کے طور پر پروفیسر کرامت علی کرامتؔ نے ایک خط میں لکھا کہ:
’’آپ کی اصلاح اور ترتیب و تزئین نے ’’ریگ رواں ‘‘ کے حسن کو دوبالا کر دیا ہے۔ اس کے ڈسٹ کور پر آپ کی جو رائے شامل ہے اسے پڑھ کر حیرت ہوئی کہ شاعری کی طرح نثر پر بھی آپ کو کتنی قدرت حاصل ہے ‘‘۔
دونوں غزلیہ مجموعوں کو خاصی شہرت اور مقبولیت ملی۔ سعید الظفر وسیمؔ نے تو ’’ریگ رواں ‘‘ کا ضخیم مجلہ چھپوا کر بر صغیر کے مشاہیر ادب کے رشحات قلم کو محفوظ کرا دیا۔ وسیم کے مزید دو مجموعے (۱) روشنی ہی روشنی (حمد و نعت) اور (۲) حرفِ رواں (غزلیات) بالترتیب ۱۹۹۹ء اور ۲۰۰۲ء میں شائع ہوئے۔ مؤخر الذکر مجموعہ ابھی پریس میں تھا کہ اچانک سعید الظفر وسیمؔ کا انتقال ہو گیا۔ کوئی شک نہیں کہ وسیمؔ عہدِ حاضر کے سہل ممتنع کے انوکھے اور البیلے زود گو شاعر تھے۔ لیکن ان کی بسیار گوئی پر ’’بسیار سفر باید تا پختہ شود خامے ‘‘ کی مثل صادق آتی ہے۔ ان کے کلام میں تصنع، ظاہر داری یا سطحیت کے بجائے تنوع، سادگی، دبازت، دلآویزی اور بے ساختہ پن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اچھی غزل کا مزاج رکھنے والوں کو وسیمؔ کی غزلوں نے بہت جلد اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔ اس کی بیّن مثال یہ ہے کہ پروفیسر مغنی تبسّم کہ اُردو ادب میں جن کا شہرہ چہار دانگ عالم ہے، نے اپنی مؤقر تصنیف تحسین شعر (مطبوعہ ۲۰۰۳ء) میں برصغیر کے ممتاز شعراء کے منتخب اشعار کی فہرست میں سعید الظفر وسیمؔ کے درج ذیل شعر کو بھی شرح و بسط کے لیے شامل کیا
میں گنا ہوں پہ اپنے نادم ہوں
اب حساب و کتاب رہنے دے
۱۹۹۷ء کے اواخر میں جمالیات کے شاعر م۔ اخلاق کا مجموعۂ کلام ’’طلسمِ حرف‘‘ بھی ڈاکٹر فرمان فتح پوری، ڈاکٹر کرامت علی کرامتؔ اور ڈاکٹر مجاہد حسین حسینی کی پیش گفتاروں کے ساتھ زیورِ طباعت سے آراستہ ہوا۔
دھنباد کا مشاعرہ
میرے دیرینہ ہم دم پرکاش فکری نے مشہور شاعر شان بھارتی کے سہ ماہی رنگ کی قلمی معاونت کے لیے مجھے Inspire کیا۔ شان بھارتی کی تحریروں میں بھی مجھے وہی سادگی اور دلآویزی محسوس ہوئی، جو ان کی غزلوں کا خاصہ ہے۔ ’’رنگ ‘‘ کے معاون مدیر آمر صدیقی کو میں ایک نغز گو شاعر کی حیثیت سے جانتا تھا لیکن جب سہ ماہی رنگ میں ’’حرفِ مکرّر‘‘ پر ان کا تبصرہ پڑھا تو بالخصوص جدید شاعری پر ان کے عمیق مطالعہ اور ان کی گہری تنقید ی بصیرت کا مجھے اندازہ ہوا۔ بہر نوع شان بھارتی سے غائبانہ یگانگت کی کشش آخر کار دھنباد میں ۱۳/ دسمبر ۱۹۹۷ء کو آزادی کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ انڈو پاک مشاعرے میں مجھے کھینچ ہی لے گئی۔ مشاعرے کے ڈائریکٹر دھنباد کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور با ذوق پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا مشاعرے کا آفر فاضل کنوینر شانؔ بھارتی کی معرفت مجھے ملا جس میں قیام و طعام سے قطع نظر، قابلِ قبول مطالبے کی رقم معلوم کی گئی تھی۔ میں نے دو ٹوک الفاظ میں شانؔ بھارتی کو جواب دے دیا کہ میرے مجموعۂ کلام ’’حرفِ مکرّر‘‘ سے ظاہر ہے کہ میں مشاعرے کے مطلب کا شاعر نہیں ہوں، میرے پاس عوامی شاعری، اچھی صورت، گلے بازی یا اداکارانہ تحت اللفظ، کچھ بھی نہیں ہے، ہاں تمھارے ساتھ مل بیٹھنے اور جھریا کی کوئلے کی کسی گہری کان میں اترنے کا تجربہ اور مشاہدہ کرنے کا اشتیاق ضرور ہے۔ اس لیے اگر بُلوا سکو تو آمد و رفت کا فرسٹ کلاس کا کرایہ اور سفر خرچ ملا کر مجھے دو ہزار روپے بہت ہوں گے۔ شان بھارتی نے مجھے مطلع کیا کہ آپ نے خط میں اپنا جو کالا چٹھا کھولا ہے اسے ملاحظہ کر لینے کے بعد بھی ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آپ کو مدعو کر لیا ہے، نیز موصوف کی فرمائش پر حرفِ مکرّر ان کو پہنچا دیا ہے۔ میرے نزدیک ’’حرفِ مکرّر ‘‘ کے مطالعے کی خواہش ڈاکٹر منموہن سنگھ کے صاحبِ ذوق اور سخن فہم ہونے کی دلیل تھی۔ چنانچہ سفر میں موصوف سے ملاقات کا اشتیاق اور ’’حرفِ مکرّر‘‘ کے بارے میں ان کی رائے جاننے کا تجسّس میرے دل میں جاگزیں رہا۔ کالکا میل ٹرین ۱۲/ اور ۱۳/ دسمبر کی درمیانی شب میں تقریباً ڈھائی بجے دھنباد پہنچ گئی تھی۔ مہمان شعراء کے خیر مقدم کے واسطے ریلوے اسٹیشن کے وسیع و عریض ہال میں چھوٹا سا ایک سجا سجایا پنڈال لگا ہوا تھا۔ خوش آمدید کہنے والوں میں وہاں کے نئے افسانہ نگار شمس الہدیٰ انصاری (علیگ) اور شکیل حسن پیش پیش تھے۔ تین ستارہ اسکائی لارک ہوٹل میں راقم کے قیام و طعام کا انتظام تھا۔ الصباح میرے کمرے کی گھنٹی بجی، دروازہ کھولا تو ایک جانے پہچانے سے اجنبی سے میرا سامنا ہوا۔ شانؔ بھارتی بڑھ کر بغل گیر ہو گئے۔ خلوص اور خوش دلی کے ساتھ مخاطب ہوئے۔ شاعری کی طرح ان کی شخصیت بھی تصنّع اور ظاہر داری سے مُبرّا نظر آئی اور میں نے شانؔ بھارتی کی ہر دل عزیزی کا راز پا لیا۔ مشاعرے کی کار میں دھنباد سے جھریا تک مجھے گھمایا پھرایا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ سے ملاقات کا اشتیاق ظاہر کرنے پر شان بھارتی نے بتایا کہ چند روز قبل اچانک جہان آباد کے لیے موصوف کا تبادلہ ہو گیا ہے اور اب ایس پی (ریلوے ) ابھے کمار ’’بیباک‘‘ جو خود بھی اچھے شاعر ہیں، مشاعرے کا انتظام دیکھ رہے ہیں، لیکن شاعروں کے انتخاب اور معاوضہ کے معاملات خود ڈاکٹر منموہن سنگھ طے کر گئے ہیں۔
مشاعرے کے بہت بڑے پنڈال کا ڈائس اونچا اور کافی گنجائش والا تھا۔ شعرائے کرام میں پاکستان سے قتیلؔ شفائی شریک تھے، ہندوستان کے اہم شعراء مثلاً مخمورؔ سعیدی، ندا فاضلی، ملک زادہ منظور احمد، بیکلؔ اتساہی، منور ؔرانا، وغیرہ میرے شناسا تھے۔ ندا فاضلی کوئی بیس سال کے بعد ملے تھے، مگر یہ کہہ کر مجھے داد سے نوازا تھا کہ ’’میں آج بھی آپ کا فین ہوں ‘‘۔ آمر صدیقی اور شہود عالم آفاقی سے اسی مشاعرے میں پہلی بار ملنا ہوا۔ یہ دونوں قلمی احباب میرے پسندیدہ شاعر بھی تھے۔ شہود عالم آفاقی رسالہ’’شہود‘‘ کے بانی و مدیر تھے۔ ان کا مجموعہ ’’دستِ بیکراں ‘‘ اور آمر صدیقی کا دیوان ’’چراغ بولتے ہیں ‘‘ ادبی حلقوں میں خاصے مقبول ہوئے۔ افسوس کہ یہ دونوں اچھے اور سچے شاعر دیکھتے دیکھتے لقمہ اجل بن گئے۔ بہر نوع، گولڈن جبلی کا مشاعرہ پوری کامیابی کے ساتھ آخرِ شب اختتام کو پہنچا ہی تھا کہ باد و باراں نے ا لیا۔ لیکن خیر سے پنڈال واٹر پروف تھا۔ ڈائس سے متّصل گرین رُوم انواع واقسام کی مے ٔ و مینا سے آراستہ و پیراستہ تھا۔ مشاعرے کے بعد تمامی شعرائے کرام اسی گرین روم میں جمع ہو گئے۔ راقم اور الحاج بیکل اتساہی نے ایک گوشہ ڈھونڈ لیا۔ مگر نشے میں جھومتے گھومتے ہوئے ایک صاحب کا جام الحاج بیکل اتساہی کی پوشاک پر چھلک ہی گیا۔ پہلے اُن صاحب نے حاجی جی کو ایک نگاہ غلط انداز سے دیکھا مگر جب پہچان لیا تو پلٹ پلٹ کو ’’معاف کیجیے‘‘، ’’معاف کیجیے ‘‘ کی تکرار شروع کر دی۔ ادھر بیکلؔ اتساہی ضبط و تحمّل کے ساتھ ’’کوئی بات نہیں ‘‘، کوئی بات نہیں ‘‘ کہہ کر انھیں ٹالتے رہے۔ کسی قلم کار کو نشے میں تماشا بنتے میں نے پہلی بار دیکھا تھا۔ بہر حال کوئی صاحب انھیں دُور ہٹا لے گئے۔ فجر کا وقت قریب آ چکا تھا، ایک تو دسمبر کی سردی اس پر بارش کا زور۔ چنانچہ موصوف کو نماز قضا ہو جانے کا رنج ہوا۔
مشاعرے کے واسطے میں نے صرف دو ہزار روپے کا مطالبہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو بھیجا تھا۔ اس کے برعکس مجھے مبلغ تین ہزار روپے ادا کیے گئے۔ اس اضافے کے وسیلے سے گویا ’’حرفِ مکرّر‘‘ کے بارے میں ڈاکٹر منموہن سنگھ اپنی رائے مجھ پر ظاہر کر گئے تھے۔ شان بھارتی بھی اس Surprise سے محظوظ ہوئے۔ اگلے روز ابھے کمار (ایس۔ پی ریلویز) نے اپنے بنگلے میں خصوصی شعری نشست کا اہتمام کیا۔ قتیلؔ شفائی (صدر نشین) نے از راہِ خلوص راقم سے ایک اور غزل کی فرمائش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رسائل میں راقم کی غزلیں توجّہ کے ساتھ پڑھتے ہیں۔ قتیلؔ شفائی، شانؔ بھارتی اور راقم کا فوٹو گروپ جو سہ ماہی رنگ میں شائع ہو چکا ہے، اسی شعری نشست کی یادگار ہے۔ شام کی پر تکلّف ضیافت کے بعد ایس۔ پی۔ ریلویز نے رات کی ٹرین میں برتھ محفوظ کرا دی اور شانؔ بھارتی، شکیل حسن نیز شمس الہدیٰ انصاری نے اپنوں کی طرح مجھے رُخصت کیا۔
رشید حسن خاں
راقم کے بھانجے کی برات ۳۰/اکتوبر ۱۹۹۷ء کو الصباح کانپور سے شاہجہاں پور کے لیے روانہ ہو رہی تھی، شام کی واپسی طے تھی۔ مجھے شاہجہاں پور کے بعض قلمکاروں بالخصوص شہرہ آفاق محقق و مدوّن رشید حسن خاں سے ملاقات کا شرف حاصل کرنے کی بڑی للک تھی۔ علاوہ ازیں شاہ جہاں پور سے قریب شہر پیلی بھیت میں میرے برادر نسبتی کے سسرالیوں اور میرے ہمدم دیرینہ ڈاکٹر ذکاء الدین شایاں ؔ کا اصرار تھا کہ اس موقع پر پیلی بھیت میں دو ایک دن ضرور گزاروں۔ چنانچہ ۲۷! اکتوبر ۱۹۹۷ء کو شام ہوتے ہوتے شاہ جہاں پور پہنچ کر سب سے پہلے میں نے رشید حسن خاں کے محلہ باڑوزئی کی راہ اختیار کی، گھوم گھوم کر موصوف کا پتہ دریافت کیا، مگر کوئی بتانے والا نہ ملا۔ بر صغیر کی ایک مشہور اور ممتاز شخصیت اپنے قرب و جوار میں بالکل انجان تھی۔ لیکن مجھے رشید حسن خاں کی عزلت گزینی پر ذرا بھی تعجب نہ ہوا کیوں کہ خود راقم اپنے محلّے میں اِسی نوع کا گوشہ نشیں اور نامحرم واقع ہوا ہے۔ اس ضمن میں راقم کا یہ شعر مبنی بر حقائق ہے۔
شہرت جو سن کے آئے مری دُور دُور سے
پوچھا کیے مجھے مرے قرب و جوار میں
بہر نوع، میں نے اضافی کرایے پر Riksha Puller کو محلہ باڑوزئی کا مزید ایک چکّر لگانے پر راضی کر لیا۔ اب کے میں نے سڑک کے بجائے گلیوں پر خاص نگاہ رکھّی۔ جلد ہی مجھے ایک سکری گلی کچھ دُور جا کر ایک مکان پر ختم ہوتی ہوئی دکھائی دی۔ گلی کے شروع میں بریڈ مکّھن، بسکٹ، نمکین وغیرہ کی ایک دوکان تھی، دریافت کرنے پر دوکاندار نے اُسی گلی کے آخری مکان کی طرف اشارہ کر دیا۔ گلی میں داخل ہوتے ہوئے مجھے خیال آیا کہ یہ گلی رشید حسن خاں جیسے عبقری شخصیت کے در پر جبیں سائی کرنے میں نجات محسوس کرتی ہو گی۔ موصوف نے شفقت اور مہربانی کے ساتھ مجھے ڈرائنگ رُوم میں بٹھایا اور گھر میں کھلنے والے دروازے سے اندر چلے گئے۔ کشادہ ڈرائنگ روم کی دیواروں سے لگی ہوئی شیشے کی بڑی بڑی الماریوں میں ہزار ہا نئی پرانی کتابیں سلیقے سے آراستہ تھیں۔ ایک طرف کے کونے میں بڑی سی میز اور کرسی تھی۔ میز پر چند کتابیں اور ایک دو لغات، کھلی ادھ کھلی حالت میں رکھی ہوئی تھیں۔ کمرے کے اِسی گوشے سے تحقیق و تنقید (علی الخصوص متنی تنقید) کی تیز طرّار شعاعیں چھن چھن کر اگلے وقتوں کی تحریروں اور کار گزاریوں کو آئینہ دکھانے اور حقائق کو روشنی میں لانے میں مصروف رہتی تھیں۔ ابھی میں نے کمرے پر ایک طائرانہ نگاہ ڈالی تھی کہ موصوف چائے کی کشتی کے ساتھ برآمد ہو گئے۔ چائے بناتے میں ذرا متعجب ہو کر پوچھا کہ ’’یہاں مجھے کوئی جانتا تو ہے نہیں، آپ کو میرا گھر کیسے ملا؟‘‘ جواباً میں نے گوش گزار کیا کہ ’’آپ کی گلی کے پہلے سرے پر بیٹھا ہوا دکاندار میرے لیے حضرت خضر ثابت ہوا‘‘۔ یہ سن کر اثبات کے انداز میں مسکرائے اور گفتگو کا رُخ موڑتے ہوئے شاہجہاں پور آنے کا سبب معلوم کیا، پیلی بھیت جانے کی وجہ پوچھی، میرے کوائف دریافت کیے۔ مولانا نیاز فتح پوری کے ورثے کی بابت استفسار کیا۔ میں نے سن رکھا تھا کہ رشید حسن خاں نہایت کم آمیز شخص ہیں، مگر اس روز اس کے بالکل برعکس پیش آ رہے تھے۔ غالباً مہمان کی پاسِ خاطر منظور ہو گی۔ دورانِ گفتگو میں نے بار بار محسوس کیا کہ موصوف باتوں باتوں میں کوئی کوئی بات گھما پھرا کر (بہ الفاظ دیگر) مکرّر پوچھ لیتے ہیں، لیکن جیسے جیسے انھیں میری راست گوئی اور سادہ لوحی کا یقین آتا گیا میری باتوں میں ان کی دلچسپی فزوں ہوتی گئی۔ موصوف نے بطور خاص علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اساتذہ اور اکابرین ادب کا حال احوال کرید کرید کر دریافت کیا۔ رشید حسن خاں کے اندازِ تخاطب نیز استفساروں میں قابلِ رشک توازن، شائستگی اور اعتدال تھا۔
اب شام گہرانے لگی تھی، دریں اثنا موصوف کے فرزند ارجمند خورشید حسن خاں، ایک بڑی ٹرے میں بھرپور تواضع کا سامان کر لائے۔ رشید حسن خاں ناشتے میں شریک نہیں ہوئے، البتہ چائے میرے ساتھ نوش کی۔ اسی اثنا میں اچانک فکر مند ہو کر خورشید سے کہا کہ معلوم نہیں کہ اختر (اختر شاہجہاں پوری) ابھی تک آئے کیوں نہیں ؟ یہ کہہ کر تھوڑی دیر کے لیے اندر چلے گئے اور میں اُٹھ کر ان کی الماریوں کی تاک جھانک کرنے لگا۔ ایک الماری میں ’’انتخابِ کلامِ ناسخؔ‘‘ (تدوین و مقدمہ رشید حسن خاں ) کے متعدد نسخے نظر آئے۔ یہ کتاب انجمن ترقی اُردو پاکستان نے ۱۹۹۶ء میں شائع کی تھی۔ ابھی میرے دل میں اس کتاب کو تحفتاً یا قیمتاً حاصل کرنے کا خیال پیدا ہو رہا تھا کہ اچانک رشید حسن خاں میرے پیچھے آ کھڑے ہوئے۔ واللہ اعلم، انھوں نے میرے منشاء کو بھانپ لیا یا مجھے اپنے خزانے سے خالی ہاتھ جانے نہ دینا چاہا کہ آگے بڑھ کر ’’انتخابِ کلامِ ناسخؔ‘‘ کا ایک نسخہ الماری سے نکالا، اپنی میز پر آئے، کتاب میں کچھ لکھا اور بند کرے میری نذر کر دیا۔ مجھے تو گویا بن مانگے مراد مل گئی، میں نے شکریہ کے ساتھ کتاب کو اپنی اٹیچی میں رکھ لیا۔
شب میں قریب ۹ بجے اختر شاہجہاں پوری کمرے میں داخل ہوئے۔ ایک خوبرو، خوش وضع، خوش مزاج اور خوش فکر شاعر، پہلی نظر میں ہی مجھے بھا گئے۔ معلوم ہوا کہ مقامی Ordinance clothing factoryمیں ملازم ہیں اور رشید حسن خاں کے معدودے چند مقامی نیاز مندوں میں سے ہیں۔ اختر شاہجہاں پوری سے متعارف کراتے ہوئے موصوف نے بتایا کہ راقم کی آمد کی اطلاع ملنے پر اختر نے اپنے یہاں ایک مخصوص شعری نشست کا اہتمام کر لیا ہے۔ راقم کا قیام بھی سہولتاً انھیں کے یہاں رہے گا۔ اس کے بعد اختر شاہجہاں پوری مجھے اپنے مکان واقع رنگین چوپال میں لے آئے۔ کچھ ہی دیر میں شہر کے چنندہ شعراء اور سامعین سے آراستہ شعرو سخن کی محفل کا آغاز ہو گیا، جو رات گئے اختتام کو پہنچا۔ شہر کے ہر دل عزیز شاعر خالد علوی بھی شریکِ محفل تھے۔ معلوم ہوا میرے بھانجے کی شادی کی تقریب میں لڑکی والوں کی طرف سے وہ بھی مدعو ہیں۔ انھوں نے اختر شاہجہاں پوری سے مشورہ کر کے تجویز رکھی کہ ۳۰! اکتوبر کو راقم برات کے ساتھ واپس جانے کے بجائے ان کا مہمان رہے، وہ راقم کے اعزاز میں اپنے یہاں ایک بڑی شعری نشست کا اہتمام کریں گے جس میں پیلی بھیت سے ڈاکٹر ذکاء الدین شایاں ؔ بطور مہمانِ خصوصی شامل ہوں گے۔ میں نے حامی بھر لی۔ رات ڈھلنے لگی تھی محفل برخاست ہوتے ہی مجھے گہری نیند نے ا لیا۔
اخترؔ نے علی الصباح مجھے جگایا، پر تکلف ناشتہ کا اہتمام کیا اور پیلی بھیت کی بس پر بٹھلانے آئے، بس کا سفر آسان بنانے کی تدبیر کرتے ہوئے میں نے رشیدحسن خاں کی کتاب کھولی۔ پہلے صفحہ پر نظر پڑتے ہی میں چونک پڑا۔ کتاب میں موصوف کے ہاتھ کی لکھی ہوئی تحریر کی نقل ملاحظہ ہو:
غلام مرتضیٰ راہیؔ صاحب کی نظر
رشید حسن خاں
۲۷/ اکتوبر ۹۷ء
مَیں نے سوچا کہ رشید حسن خاں اب تک اپنی کتابوں کے کئی سو نسخے نذر کر چکے ہوں گے، جب کہ ہزاروں کتابیں موصوف کی نذر کی جا چکی ہوں گی۔ اس کے باوجود ’’انتخابِ کلامِ ناسخؔ‘‘ راقم السطور کی ’’نذر‘‘ کرنے بجائے ’’نظر ‘‘ کیوں کیا؟ میرے متجسّس ذہن کو سہوِ قلم ہونے کا یقین نہ آیا اور میں راستے بھر لفظ ’’نظر‘‘ کے لغوی اور اصطلاحی معنوں کے پھیر میں پڑا رہا۔ اس لفظ کے انطباق کی سبیل پیدا کرنے کی میں نے بار بار سعی کی، مگر رشید حسن خاں جیسے مستند اہل بینش کی ’’نظر‘‘ کا بھید مجھ پر کہاں کھلنے والا تھا۔ ممکن تھا کہ کبھی موصوف سے رجوع کرتا، مگر تب تک دیر ہو چکی تھی۔ آسمانِ ادب پر کیسے کیسے آفتاب نصف النہار پر پہنچ کر پردۂ خاک میں جا چھپے۔
سب کہاں کچھ لالہ و گل میں نمایاں ہو گئیں
خاک میں کیا صورتیں ہوں گی کہ پنہاں ہو گئیں
مرزا غالبؔ کے ۱۹ ویں صدی کے اس شعر کے مضمون کو شیخ سعدی شیرازی ۱۳ ویں صدی میں ہی بطریق احسن باندھ چکے تھے
کسے نیست بر خاک اگر گل شگفت
کہ چندیں گل اندام درخاک خفت
ذکاء الدین شایاںؔ
پیلی بھیت میں میرے برادرِ نسبتی کے سسرال میں پہلے پہلے مہمان کی خوب خاطر مدارات ہوئی۔ پیلی بھیت سے نینی تال بذریعہ ٹیکسی تین گھنٹوں میں پہنچا جاسکتا ہے۔ وہاں کی بھی چند گھنٹوں کی سیر وسیاحت کا موقع ملا۔ ڈاکٹر ذکاء الدین شایاں ؔ کھل کر ملے، اعزازی شعری نشست اور دعوت طعام کا اہتمام کیا، علاوہ ازیں ۳۰!اکتوبر کو شاہجہاں پور پہنچ کر میرے اعزاز میں منعقدہ شعری نشست میں شریک ہوئے۔ ڈاکٹر ذکاء الدین شایاں ؔ برصغیر کے معروف و معتبر شاعر اور ناقد تھے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور وہیں ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی کی نگرانی میں ’’اٹھارہویں صدی کی اُردو فرہنگ‘‘ کے موضوع پر تحقیقی مقالہ ترتیب دیا، جس پر انھیں پی ایچ۔ ڈی کی ڈگری تفویض ہوئی۔ شایاں ؔ بحیثیت لکچرار، پیلی بھیت کے ایک کالج سے ۱۹۹۲ء میں وظیفہ یاب ہوئے تھے۔ شعری مجموعوں میں ’’ریگ سیاہ‘‘ ’’کشش‘‘‘‘ اور ’’منظر بہ منظر‘‘ کے خالق نیز انتقادیات میں ’’زیر غور‘‘ اور ’’زبان و قلم‘‘ کے مصنّف تھے۔ صد حیف کہ اُردو کے اس بلند بانگ قلم کار کی موت پر کہیں کوئی تعزیت کی خبر تک شائع نہ ہوئی۔ بھلا ہو محبی الف ناظم کا جنھوں نے اپنے ہم وطن ڈاکٹر ذکاء الدین شایاں ؔ کے ۱۹/ جنوری ۲۰۰۷ء کے سانحۂ ارتحال کی خبر ہفت روزہ ہماری زبان (بابت ۲۲/ تا ۲۸/ مئی ۲۰۰۷ء) میں چھپوا کر فرض کفایہ ادا کر دیا۔ احمد ندیم قاسمی کا مشہور شعر ہے
عمر بھر کرتے رہے سنگ زنی، اہل وطن
یہ الگ بات ہے دفنائیں گے اعزاز کے ساتھ
مگر افسوس کہ یہ شعر ذکاء الدین شایاں ؔ کی موت پر صادق نہ آیا۔
شاہجہاں پور میں ۳۰!اکتوبر ۱۹۹۷ء کی با وقار شعری نشست راقم کے میزبان خالد علوی کے کشادہ اور مزیّن ڈرائنگ روم میں منعقد ہوئی، جس میں اکابرینِ ادب اور عمائدینِ شہر ذوق و شوق سے شریک ہوئے۔ نشست میں سب سے پہلے اختر شاہجہاں پوری آئے اور صوفے پر مجھ سے لگ کر بیٹھ گئے۔ کچھ پریشان اور محجوب سے تھے۔ چند ساعتوں کی خاموشی کے بعد سرگوشی کے انداز میں بولے ’’خاں صاحب (رشید حسن خاں ) اور خود وہ بے حد شرمندہ ہیں کہ ۲۷! اکتوبر کو ہم میں سے کسی نے بھی رات کے کھانے (ڈنر) کے لیے آپ کو نہ پوچھا اور آپ بھوکے ہی سو رہے ‘‘۔ بقول اختر جب وہ رات میں ۹ بجے رشید حسن خاں کے یہاں پہنچے تو وقت کے لحاظ سے انھوں نے سمجھ لیا کہ راقم ڈنر سے فارغ ہو چکا ہے۔ اُدھر رشید حسن خاں کو یہ مغالطہ ہوا کہ اختر نے اپنے یہاں قیام کے ساتھ طعام کا بھی بندوبست کر رکھا ہو گا۔ پتہ چلا کہ چونکہ ایک مہمان کی میزبانی کے دو دعوے دار تھے اس لیے دو ملاؤں میں مرغی حرام ہو گئی۔ شعری نشست کامیابی کے ساتھ رات ڈھلے اختتام پذیر ہوئی۔ میرے واسطے یادگار ٹھہری، اگلی صبح خالد علوی از راہِ خلوص اسکوٹر سے مجھے ریلوے اسٹیشن پہنچانے آئے اور میں براہ لکھنؤ فتح پور آ گیا۔
انور شیخ
انور شیخ کے دو عدد شعری مجموعے (۱) نبض جہاں (۲) سوز وساز بالترتیب مئی ۱۹۹۸ء اور جنوری ۱۹۹۹ء میں مجھے موصول ہوئے تھے۔ یہ مجموعے غزلوں، نظموں، مکالموں وغیرہ پر مشتمل تھے۔ چونکہ میری رائے میں انور شیخ بنیادی طور پر غزل کے شاعر تھے، اس لیے میں نے ان کی غزلوں پر ایک موجز و مبسوط مضمون قلم بند کر کے انھیں بہم پہنچا دیا تھا۔ ’’حرفِ مکرّر‘‘ پر انور شیخ کے وقیع و مؤقر تبصرے کے احسان کا بدلہ مجھے چکانا بھی تھا۔ مضمون ملنے پر انور شیخ نے مجھے لکھا کہ:
’’مدّت سے محاورہ چھپا رستم سن رہا تھا لیکن اس کے معنی سمجھ میں نہیں آتے تھے، آپ کا مضمون پڑھ کر یہ باریکی فوراً ذہن پر عیاں ہوئی۔ اس سے آپ کے عمق ذوق کی بلندی اور شعریت پیمائی کے طبعی وصف کا اظہار ہوتا ہے۔ یہ مضمون ادبی اہمیت کا حامل تو ہے ہی، غزل گو کی حیثیت سے میرا پہلا بھر پور تعارف بھی ہے ‘‘۔
اپنے اس قول پر وہ آخری دم تک قائم رہے۔ میرے مضمون کو انھوں نے ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی کی مرتبہ کتاب ’’انور شیخ بحیثیت شاعر ‘‘ (مطبوعہ ۱۹۹۹ء ) میں اوّلیت اور فوقیت کے ساتھ شامل کرایا۔ ازاں بعد یہی مضمون انور شیخ کے متعدد گوشوں میں شائع ہوا اور اس کے اقتباسات وقتاً فوقتاً مختلف مضامین نیز انور شیخ کی کتاب کے فلیپ کی زینت بنے۔ ملحوظ خاطر رہے کہ انور شیخ کی ملحدانہ اور اقبالؔ مخالف سرگرمیوں کا علم ہو جانے کے بعد سے ان کے پیہم لبھاونے اصرار کے باوجود ان کی شاعری کے بارے میں راقم نے مزید کبھی کچھ نہیں لکھا۔ اس عرصہ میں خود انور شیخ نے اور ان کے متعلق بعض لکھنے والوں نے اپنی تصانیف کو راقم کے نام معنون بھی کیا، تاہم انور شیخ کے ٹیلی فون برابر آتے رہے اور انھوں نے ہمیشہ خوش دلی کے ساتھ راقم کو یاد کیا۔
کوٹہ کا سیمنار
شہر کوٹہ میں ’’راجستھان اُردو اکادمی‘‘ کے زیر اہتمام ’’اختر شیرانی فن اور شخصیت‘‘ پر ایک دو روزہ سیمنار مورخہ ۹! اور ۱۰ !اکتوبر ۱۹۹۹ء کو انعقاد پذیر ہونا طے پایا۔ راجستھان کے منفرد اور ممتاز شاعر، میرے یارِ غار عقیل شادابؔ سیمنار کے کنوینر تھے لہٰذا ان کا اصرار ہوا کہ میں سیمنار سے پہلے کوٹہ پہنچ جاؤں ’’خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو‘‘ چنانچہ میں ۷!اکتوبر ۱۹۹۹ء کو بعد دوپہر عقیل شاداب ؔ کے یہاں وارد ہو گیا۔ راقم اور وہ دونوں ہی جوانی کی بہاریں دیکھ چکے تھے، لیکن عقیل شادابؔ ساٹھا پاٹھا تھے، وہی گورا چٹا اور گٹھیلا بدن، چہرے پر وہی جوانی کی سی آب و تاب اور برتاؤ میں وہی گرم جوشی، البتہ ان کی اہلیہ طاہرہ بیگم کو وجع مفاصل اور ذیابیطس کے عارضوں نے نڈھال کر دیا تھا۔ اس کے باوجود وہ ریلوے سکنڈری اسکول میں درس و تدریس کے فرائض تندہی اور دل جمعی کے ساتھ انجام دے رہی تھیں۔ عقیل شادابؔ کے کشادہ اور بلند بالا ڈرائنگ روم کی دیواروں سے لگی شیشے کی اونچی اونچی الماریاں کتب و رسائل سے اَٹی پڑی تھیں۔ علم و ادب کے ایسے بیش بہا خزانے سے مالا مال شخص کوئی سچا محبِ اُردو ہی ہو سکتا تھا۔
سیمنار کے شرکاء کے قیام و طعام کا انتظام کوٹہ کے تین ستارہ ہوٹل ’’کنک‘‘ میں تھا، جہاں میں ۸!اکتوبر کی شب میں منتقل ہو گیا تھا۔ ڈبل بیڈ کے اس فراخ کمرے میں بشرؔ نواز میرے پارٹنر تھے۔ وہ رات دس بجے اورنگ آباد سے آپہنچے تھے۔ باتوں باتوں میں معلوم ہوا کہ موصوف میری غزل کے دلدادہ بھی ہیں اور قائل بھی۔ یہ میرے لیے فخر انبساط کا باعث تھا۔ جدید غزل پر بشرؔ نواز سے گفتگو کا سلسلہ ختم ہوا تو رات بھیگ چلی تھی۔
اگلے دن یعنی ۹!اکتوبر کو بذریعہ کار مہمانوں کو جلسہ گاہ (پنجاب سبھا بھون) پہنچایا گیا۔ راجستھان اُردو اکادمی کے چیرمین سیّد مدبّر علی زیدی، سکریٹری معظّم علی اور کنوینر عقیل شاداب کے علاوہ بشرؔ نواز، مخمور سعیدی، ڈاکٹر صادق، ڈاکٹر عتیق اللہ، شاہد ماہلی، شین کاف نظام، شیما رضوی، ارشد عبدالحمید، فاروق انجینئر اور احتشام اختر کی موجودگی سے سیمنار کے با وقار اور با مقصد ہونے کا ثبوت مل رہا تھا۔ احتشام اختر، گورنمنٹ کالج، کوٹہ میں اُردو شعبہ کے انچارج تھے۔ ربع صدی کے بعد ملے مگر بڑے تپاک سے ملے۔ حاضرین جلسہ سے بلند بانگ الفاظ میں مجھے متعارف کرایا، اپنے یہاں دعوتِ طعام پر بلایا اور علی گڑھ کی پرانی یادیں تازی کیں۔
سیمنار کے پہلے اجلاس میں ہی راقم نے ’’اختر شیرانی حیات اور معاشقہ‘‘ پر اپنا مقالہ پڑھ کر فراغت حاصل کر لی تھی، پہلے دن کے دونوں اجلاس بخیر و خوبی ختم ہوئے اور شرکاء کنک ہوٹل واپس آ گئے۔ شب میں بلا نوش شرکائے سیمنار (بشمول بشر نواز) ایک مخصوص کمرے میں جمع ہوئے، اتنا تو میں نے دیکھا، اس کے بعد مَیں اپنے کمرے میں آیا، بتّی بجھائی اور سورہا۔ رات گئے اچانک میری نیند میں خلل پڑا، دیکھتا ہوں کہ نشے میں غین، بشر نواز نیم برہنہ ہیں اور اپنی ایک ٹانگ میری جانگھوں سے اَڑا کر میری جانب کھسکتے چلے آ رہے ہیں۔ میں نے ان کی ٹانگ کو جھٹک کر واپس ان کے بستر پر پہنچایا، کروٹ دلائی، کمر سے نیچے جاتی ہوئی ان کی جانگھیا کو سنبھالا اور اپنے پلنگ کو کھنچ کر تھوڑا فاصلہ قائم کیا۔ ابھی دوبارہ ٹھیک سے میری آنکھ نہیں لگی تھی کہ ایک بار پھر میرے پلنگ میں حرکت پیدا ہوئی۔ اب کے دیکھتا ہوں کہ موصوف مادر زاد برہنہ ہیں اور اس دفعہ میری جانگھوں میں اپنی ٹانگ پھنسانے کے ساتھ ہی اپنا دست دراز کرتے ہوئے میرے گلے میں حمائل کرنے کی سعی فرما رہے ہیں۔ اگر کسی قوی ہیکل نشے باز سے میرا پالا پڑا ہوتا تو یقیناً مَیں حفظ ماتقدم کی رو سے کمرہ چھوڑ کر، گیلری میں جا لیٹتا، مگر بشر نواز تو تھے نازک اندام، ان کو میں نے بار بار جھنجھوڑا، ڈانٹ بتائی، مگر موصوف کے اَوسان خطا کے خطا رہے۔ تنگ آ کر میں نے پلنگ چھوڑ کر فرش پر اپنا بستر جما لیا، اتنے میں بشر نواز کے منھ سے بھانت بھانت کی بولیاں نکلنے لگیں، جن میں بھونکنے کی آواز سمجھ میں آ رہی تھی۔ اب میں ایک تماش بین کی طرح اُن کی حرکات و سکنات سے محظوظ ہونے لگا تھا، دیکھا کہ ایک مرتبہ پھر انھوں نے اپنے ہاتھ پاؤں میرے سُونے پلنگ کی طرف پسارے مگر اس بار پلنگوں کے درمیانی خلا میں دھڑام سے جا گرے، واہ رے خمار، کہ پھر بھی ہوش نہ آیا۔ چند لمحوں کے بعد اُٹھ کر اکڑوں بیٹھ گئے اور اسی انداز سے بڑھتے بڑھتے باتھ روم کے دروازے سے لگ کر حوائج ضروریہ سے فارغ ہونے کی پوزیشن بنانے لگے۔ میں نے صورت حال کو بھانپ لیا اور انھیں کھینچتے ہوئے باتھ روم کے اندر چھوڑ آیا۔ جب خاصی دیر کے بعد بھی وہ باتھ روم سے برآمد نہ ہوئے تو مجھے فکر ہوئی، جا کر دیکھا تو آں جناب اپنے قارورہ میں سَنے ہوئے انٹا غفیل تھے۔ اُردو کا ایک ممتاز دانش ور شاعر اور ناقد، قعرِ مذلّت میں پڑا ہوا تھا، لیکن شراب کے نزدیک کیا عالِم فاضل اور کیا جاہل جٹّ
پیش آتے ہیں وہ سب سے یکساں
سب کو مٹّی میں ملا دیتے ہیں
(راقم)
صبح جس وقت میری آنکھ کھلی بشر نواز چائے پی رہے تھے۔ رات کی نازیبا حرکتوں پر بے حد شرمندہ ہوئے، معذرت خواہ بھی، ساتھ ہی بَلا نوشوں کی محفل سے دُور رہنے کا وعدہ کیا اور انھوں نے وعدہ وفا بھی کیا۔ دوسرے دن سیمنار کے اختتام کی شام سے میرے ساتھ رہے۔ رات میں اکیلے بیٹھ کر واجبی سی پی اور سورہے۔ اِس سے اُن کے صاحبِ ضمیر ہونے کا ثبوت ملا۔
۱۱/اکتوبر کو بعد دوپہر ممبئی گورکھپور میل ٹرین سے میری واپسی طے تھی۔ پروگرام کے مطابق میں دس بجے ہوٹل چھوڑ کر عقیل شادابؔ کے یہاں پہنچ گیا۔ علی گڑھ کی وضع دار اور مہمان نواز خاتون طاہرہ بیگم نے از راہِ خلوص دیسی گھی کے پراٹھوں، آملیٹ، ترکاری اور آم کے اچار سے میرا رخت سفر باندھا اور اسکول سے لگے بندھے آٹو رکشا سے ریلوے اسٹیشن پہنچوایا۔ عقیل شادابؔ نے طاہرہ بیگم کے بہتر سے بہتر دوا دارو کے لیے جے پور سے ممبئی تک کے ماہر ڈاکٹروں سے رجوع کیا، ممتازسرجن سے ان کی گٹھیا کا آپریشن کرایا، لیکن طاہرہ بیگم جاں بر نہ رہ سکیں۔
’’ خدا بخشے بہت سی خوبیاں تھیں مرنے والے میں ‘‘
صفوت علی صفوتؔ کے باب میں
امریکہ کے معزز شہری، اعلیٰ منصبی، منفرد اور البیلے شاعر، ممتاز صحافی اور صاحبِ طرز انشاء پرداز، صفوت علی صفوتؔ کی اعلیٰ شعری کاوش ’’مثنویِ وقت‘‘ کے نام سے اوائل ۱۹۹۹ء میں اسلام آباد (پاکستان) میں طبع ہوئی تھی۔ سائنس، مذہب، آرٹ اور شعری محاسن سے مملو اس منفرد تخلیق کو ہندی رسم الخط میں چھپوا کر ہندوستان میں مشتہر کرنے کا صفوت نے ارادہ کیا۔ اس کام کے لیے ان کے ہمدم مامون ایمن نے میرا نام تجویز کر دیا۔ ’’مثنویِ وقت‘‘ میں تبدیلی رسمِ خط اور ترجمہ دونوں کا کام تھا۔ مزید برآں عربی اور فارسی کے ادق سے ادق الفاظ بکثرت تھے جن کے ہم معنی ہندی الفاظ رقم کرنے تھے۔ سائنس اور ٹکنالوجی کی انگریزی لغات اور اصطلاحات کو بھی وافر تعداد میں نظم کیا گیا تھا۔ اس کام کو بطریق احسن انجام دینے کی صورت میں صفوتؔ نے معقول محنتانہ ادا کرنے کی پیش کش کر دی، ساتھ ہی مثنویِ وقت (اُردو) کے ساتھ ایک چیک بھی (علی الحساب) مجھے بھیج دیا۔ اس آفر کو میں نے چیلنج کی طرح قبول کیا اور حد درجہ عرق ریزی و دل جمعی کے ساتھ ’’مثنویِ وقت ‘‘ کا ایک معیاری ہندی مسودہ تیّار کر کے کمپوز کرا لیا۔
مارچ ۲۰۰۰ء میں صفوت لکھنؤ آئے اور تاج ریسیڈنسی ہوٹل میں ۲۴ ! تا ۲۹ ! مارچ قیام پذیر رہے۔ اسی عالی شان ہوٹل میں صفوتؔ کی ’’مثنویِ وقت ‘‘ (اُردو ) کی رونمائی کے با وقار جشن کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ سترکھ (بارہ بنکی) کے معروف ادیب چودھری علی مبارک عثمانی اس پروگرام کے روحِ رواں تھے۔ بہر کیف صفوتؔ سے بالمشافہ ہونے کا یہ میرا پہلا موقع تھا۔ چنانچہ میں ۲۶! مارچ ۲۰۰۰ء کو دوپہر میں لکھنؤ کے اس نوابی ہوٹل کے آصف الدولہ کے امام باڑہ سے بھی وسیع و عریض اسمبلی ہال میں داخل ہوا۔ لکھنوی طرز کی اس شاہانہ عمارت کے درودیوار سے نوابی شان و شوکت جھلک رہی تھی۔ استقبالیہ کاؤنٹر پر موجود خاتون نے صفوتؔ کو میری آمد سے مطلع کیا۔ ابھی میں انتظار کی غرض سے صوفے پر ٹھیک سے دراز بھی نہیں ہوا تھا کہ صفوت علی صفوتؔ آ گئے۔ ایک خوبرو، نرم و گداز اور پرکشش شخصیت نے بڑھ کر گرم جوشی کے ساتھ معانقہ کیا۔ صفوت ؔ کے چہرے پر علم و کمال اور جاہ و منصب کی تمکنت کا شائبہ تک نہ تھا۔ ایسا اپنا پن اور ایسی بھائی چارگی کہ خونی اور خاندانی رشتے، شرما جائیں، فراست اور دانش کے پیکر نیز اعلیٰ قدروں اور آدرشوں کے پاس دار صفوت علی صفوتؔ کے بارے میں پاکستان کے سید ضمیر جعفری، جو خدا لگتی، کھری کھری اور دو ٹوک باتوں کے لیے مشہور تھے ’’مثنویِ وقت‘‘ کے دیباچہ میں رقم طراز ہیں کہ ’’مذہب میں صفوتؔ کا مطالعہ گہرا ہے۔ شہر میں گھر کے علاوہ اس کا کوئی اور گھر ہے تو وہ مسجد ہے۔ ‘‘ صفوتؔ اولوالعزمی اور حق بیانی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ مثال کے طور پر امریکہ میں آباد لاکھوں مسلمان شہریوں میں صفوت ؔ جیسا بے خطر آتش نمرود میں کود جانے والا مرد مومن ہی ۱۱/ستمبر کے بعد کے امریکہ میں ہزاروں کے مجمع میں اپنا یہ شعر ببانگِ دہل پڑھ سکتا تھا
مری جانب سے جا کر آپ بشؔ کے باپ سے کہہ دیں
کوئی اسلام کو مرہون منّت کر نہیں سکتا
(سَوادِ حُور)
صفوتؔ کی شخصیت مجھے آبشار جیسی محسوس ہوئی جس کی نرم اور شفیق بوندوں سے میں شرابور ہوتا رہا۔ صفوت کی طرح ان کی اہلیہ فوزیہ ناہید علی بھی تصنع اور ظاہر داری سے مبرّا تھیں۔ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی آمنہ بھی ساتھ آئی تھی۔ ابھی چائے کا پہلا دور چل رہا تھا کہ چودھری علی مبارک عثمانی کمرے میں داخل ہوئے۔ عمر کے موسمِ خزاں میں بھی باغ و بہار لگ رہے تھے۔ اب ایسی آن بان اور شان والے لوگ شاذ ہی نظر آتے ہیں۔ پہلی ہی ملاقات میں موصوف کی بے لاگ اور بے لوث شخصیت نے مجھے اپنے ’’دامِ سحر میں پوری طرح گرفتار کر لیا۔ لنچ کے بعد میں نے مثنویِ وقت کا ہندی کا کمپوز شدہ مسودہ صفوتؔ کو پیش کیا۔ بے حد مسرور ہوئے۔ چودھری علی مبارک عثمانی کی رائے تھی کہ میں (راقم) کتاب کی طباعت کی نگرانی کی ذمہ داری بھی قبول کر لوں۔ لیکن اس وقت تک مجھے طباعت کا ذرا بھی تجربہ نہ تھا، اس لیے میری عذر داری پر بات ختم ہو گئی۔ آخرش ’’مثنویِ وقت ‘‘(ہندی) کولکاتا کے انشاء پبلی کیشنز کے زیر اہتمام ۲۰۰۱ء میں زیورِ طباعت سے آراستہ ہوئی۔ صفوت ؔ نے اپنے ایک شناسا جو امریکہ میں ہندی کے پروفیسر ہیں، کے حوالے سے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ مثنویِ وقت (ہندی) کا غائر مطالعہ کرنے کے بعد پروفیسر موصوف نے راہیؔ کی ہندی دانی کا اعتراف کیا ہے۔ بھارت کے ہندی/ اُردو کے ادبی حلقوں میں بھی میری اس کاوش کو خاصا سراہا گیا۔ اہل الرائے کے بقول ہندی میں لکھی گئی گاڑھی اُردو کی یہ ایک ایسی کتاب ہے جس میں عربی اور فارسی کے مشکل اور ادق الفاظ کی صحیح ادائیگی ملتی ہے اور ایسی کتابیں بہت کم دستیاب ہیں۔
مثنویِ وقت (اُردو) کے بعد صفوتؔ کی اُردو کی دوسری شاہکار مثنوی ’’مثنویِ رسولؐ‘‘ ۲۰۰۱ء میں اسلام آباد (پاکستان) میں شائع ہوئی۔ رمزیت، اشاریت، شعریت، اور کیفیت سے معمور اس مثنوی کو ایک سچّا عاشق رسولؐ ہی تخلیق کر سکتا تھا۔ اس اعلیٰ و ارفع تخلیق سے جہاں صفوتؔ نے وسیلۂ نجات پا لیا وہیں میں نے بھی اس کی تبدیلیِ رسم الخط کو اپنے لیے بخشائش کا ذریعہ سمجھا اور ’’مثنویِ وقت‘‘ کی طرح ’’مثنویِ رسولؐ‘‘ کو مترادف الفاظ و معنی کے ساتھ دیوناگری رسم خط میں منتقل کرنے کی ریاضت کو عبادت سمجھ کر انجام دیا۔ یہ کتاب بھی کولکاتا کے انشاء پبلی کیشنز سے شائع ہوئی۔ مذکورہ دونوں مثنویوں کی ہندوستان میں ترسیل اور مشتہری خاطر خواہ نہیں ہوئی، جب کہ صفوتؔ کا منشاء یہ تھا کہ ہندی رسم الخط میں ان کی مثنویاں ہندوستان کے مؤقر تعلیمی اداروں، مستند کتب خانوں، معیاری رسالوں اور ہندی کے ممتاز قلمکاروں کو بہم پہنچیں تاکہ ان کی کاوشات کا ملک گیر تعارف ہو۔
لاکلام اور صفوتؔ
راقم کا نیا شعری مجموعۂ کلام ’’لاکلام‘‘ صفوت علی صفوتؔ کے مالی اشتراک سے دسمبر ۲۰۰۰ء میں شائع ہوا۔ ’’لاکلام ‘‘ کے ابتدائی صفحہ پر صفوتؔ کا مختصر تعارف اور ان کے مالی تعاون کا ذکر شامل ہے، لیکن مالی تعاون کا تذکرہ صفوتؔ کو واقعی اچھا نہیں لگا۔ دراصل صفوتؔ اُن اعلیٰ قدروں اور زرّیں اصولوں کے علمبردار ہیں کہ اگر داہنے ہاتھ سے کسی کو کچھ دیا جائے تو بائیں ہاتھ کو اس کی خبر نہ ہو۔ میں سمجھتا ہوں کہ صفوتؔ کے یہاں قول و فعل میں تضاد کی تلاش بے سود ہو گی۔
علی گڑھ کے مشاعرے
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ اُردو کے زیرِ اہتمام ’’یوم آزادی‘‘ اور ’’یوم جمہوریت‘‘ کے موقع پر علی الترتیب ۱۴/ اگست اور ۲۵/جنوری کی شب میں ایک مخصوص محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام کو پروفیسر آل احمد سرور نے رائج کیا تھا۔ اسے مزید مقبول اور ہر دل عزیز بنانے کی غرض سے چند برسوں سے بیرون کے ایک دو نغز گو شاعروں کو مدعو کیا جانے لگا ہے۔ اسی ضمن میں ۲۵ جنوری ۲۰۰۱ء کے یوم جمہوریت کی محفل مشاعرہ میں ڈاکٹر بشیر بدرؔ اور راقم السطور کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس میں قیام و طعام کا انتظام تھا۔ وائس چانسلر مشاعرے کے صدر نشیں تھے اور محفل اساتذہ، طلباء، نیز یونیورسٹی اور شہر کے منتخب شعراء سے آراستہ تھی۔ مہمان شاعروں (بشیر بدرؔ اور راقم) کے واسطے دو ادوار مخصوص تھے۔ پہلے دور میں بشیر بدرؔ سے پہلے مجھے دعوتِ کلام دی گئی۔ یہ اہلِ ذوق اور سخن فہموں کی محفل تھی لہٰذا میرے سنجیدہ اور دبیز اشعار کو دادو تحسین سے خوب خوب نوازا گیا۔ آخیر میں بشیر بدرؔ نے مائک سنبھالا۔ یہ عوامی مشاعرہ تو تھا نہیں، بشیر بدرؔ اس تفریق سے بہرہ مند تھے کہ یہاں طالب علم رہ چکے تھے لہٰذا انھوں نے کسی ایک غزل پر بھروسا نہ کر کے متعدد غزلوں سے چیدہ چیدہ اشعار پڑھے۔ یہی وتیرہ دوسرے دَور میں بھی اختیار کیا۔
اگلے دن ۲۶/ جنوری کا جامعہ اُردو علی گڑھ کا یوم جمہوریت کا مشاعرہ بھی مجھے پڑھنا تھا۔ جامعہ اُردو کے رجسٹرار سید انور سعید مشاعرے کے صدر اور منظور ہاشمی اس کے روح رواں تھے۔ مشاعرے میں شہر یار، عرفان صدیقی، مخمور سعیدی، محسن زیدی اور احتشام اختر بھی مدعو تھے۔ ۲۶/ جنوری ۲۰۰۱ء کی صبح کو صوبہ گجرات میں آئے تباہ کن زلزلے کا واجبی اثر اتر پردیش میں بھی محسوس کیا گیا تھا۔ راقم ہوا خوری کے لیے نکلا ہی تھا کہ پیروں تلے زمین ہلنے ڈولنے لگی تھی۔ اس سانحے کو میں نے ایک شعر میں یوں باندھا ہے
وہ سانحہ جو پڑوسی کو کر گیا برباد
گزر گیا ہے مجھے ہوشیار کرتے ہوئے
زلزلے سے گجرات کی ہزار ہا عمارتیں آن کی آن میں کھنڈر میں تبدیل ہو گئیں، لاکھوں جانوں کا اتلاف ہوا۔ میں نے ان لمحوں کی بھی گرفت کی تھی
یوں ہی ذرا سی ہلائی تھی اس نے بنیادیں
نہ پھر کسی بھی بلندی پہ کوئی بام رہا
بہر حال پروگرام کے مطابق یوم جمہوریت کی شب میں جامعہ اُردو کی کشادہ چھت پر ایستادہ مزین پنڈال میں اس یادگار مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا۔ مشاعرے کی کامیابی میں ڈاکٹر سراج اجملی کی دانش مندانہ نظامت کا بھی خاصا رول تھا۔
علی گڑھ کی ریلوے لائن صحیح معنوں میں نئے اور پرانے شہر کی Demarcational Line ہے۔ ادب، سیاست، معیشت، ثقافت، تعلیم غرض کہ ہر لحاظ سے علی گڑھ کے دونوں شہروں میں بُعد المشرقین ہے۔ میں نے بیسویں صدی کے آٹھویں اور نویں دہوں کے ہر دن کو دونوں طرف جِیا ہے
اُنّیس سال چھانی خاکِ رہِ علی گڑھ
دانست میں ہماری ہر خاص و عام آیا
(راقم)
گوالیار کا مشاعرہ
جدید غزل کے ممتاز شاعر شکیل ؔ گوالیاری میرے بہت اچھے دوست ہیں۔ کمرشیل آرٹسٹ بھی ہیں۔ ۱۹۸۴ء میں سرکاری ملازمت سے Premature Retirement لینے کے بعد عرصہ تک گرافک ڈیزائنگ کو پیشے کے طور پر اختیار کیے رہے۔ راقم کے مجموعۂ کلام ’’لاکلام‘‘ اور فتح پور کے ہی اندر سروپ سریواستو کے شعری مجموعے ’’شاخِ لرزیدہ‘‘ کے سرورق کا آرٹ شکیل گوالیاری کا ہی کمالِ ہنر ہے۔ ان کا دوسرا مجموعہ کلام ’’آسماں پر آسماں ‘‘ کے نام سے ۲۰۰۰ء میں اشاعت پذیر ہوا۔ گوالیار کی مقبول انجمن ’’پرانجل‘‘ نے جو مدھیہ پردیش کے ہم عصر ادب، ثقافت اور آرٹ کو مختص ہے ’’آسماں پر آسماں ‘‘ کو ’’لمحوں کا رس‘‘ کے نام سے ہندی رسم الخط میں شائع کیا اور ۲۲! مارچ ۲۰۰۳ء کی شب میں کتاب کے جشنِ اجراء کے موقع پر ایک مخصوص مشاعرے کا اہتمام کیا۔ جس میں راحت ؔ اندوری، احمد کمال پروازی اور راقم کو مدعو کیا گیا۔ ۲۱/ مارچ کی شام جب میری ٹرین گوالیار پہنچی تو شکیل ؔ اور پرانجل کے سکریٹری رام کشور شکلا پلیٹ فارم پر موجود تھے۔ دونوں صاحبان سے یہ میری پہلی ملاقات تھی۔ شکیل گوالیاری کا باریش اور بڑی بڑی آنکھوں والا رعب دار چہرہ تصویر میں پہلے ہی دیکھ چکا تھا۔ شکلا، ایک خوبرو، صحت مند اور فعال نوجوان تھے۔ فوراً بے تکلف ہو گئے۔ ہوٹل کے کمرے تک میرے ساتھ آئے۔ ’’لمحوں کا رس‘‘ کا دیباچہ شکلا نے ہی تحریر کیا تھا، پڑھ کر سنایا، جس سے ان کی سخن فہمی اور صنفِ غزل پر ان کی گہری نظر کا اندازہ ہوا۔ باتوں باتوں میں انھوں نے راقم کو بھی منتخب غزلوں کا مجموعہ دیوناگری لپی میں چھپوانے کا مشورہ دیا۔
۲۲!مارچ کی دوپہر میں شکیلؔ گوالیاری کے یہاں پُر تکلف دعوتِ طعام سے لذّتِ کام و دہن حاصل کی۔ احمد کمال پروازی بھی شریک تھے۔ شب میں کلا ویتھیکا کے خوش نما اور وسیع ہال میں ’’لمحوں کا رس‘‘ کے اجراء کی رسم ادا ہوئی۔ گنجائش دار ڈائس پر صدر نشیں، صاحبِ اعزاز شکیل گوالیاری اور مہمان شعراء راحت اندوری، احمد کمال پروازی اور راقم کے علاوہ کسی کو بھی نہیں بُلایا گیا، حتیّٰ کہ انجمن کے بانی و صدر Dr. R.C. Mangalik اور سکریٹری رام کشور شکلا بھی فرش نشیں تھے۔ ’’پرانجل ‘‘ کا یہی اُصول تھا کہ ڈائس پر مجمع نہ لگے تاکہ فنکاروں کو آرام سے بیٹھنے اور پوری طرح متعارف ہونے کا موقع ملے۔ مقامی شاعروں میں اکیلے مدن موہن دانشؔ تھے۔ مشاعرہ کی نظامت انھیں کے سپرد تھی۔ مشاعرے کی ہر دو پاریوں میں شاعروں کو اپنا منتخب کلام پیش کرنے کا خاطر خواہ وقت دیا گیا۔ پہلے دَور میں دانش اور پروازی کی غزلوں سے مجھے باور آ گیا کہ سامعین اچھی اور سچی غزل کا مزاج رکھتے ہیں۔ ان کے چہروں کی کیفیت اور داد وتحسین کے انداز سے ان کی سخن فہمی ظاہر ہو رہی تھی۔ چنانچہ میں نے اعتماد کے ساتھ دبیز اور تہہ دار غزلیں پیش کیں۔ اشعار میں گہرے معنی کے رنگ سے حاضرین جلسہ بدرجۂ اتم محظوظ اور سرشار ہوئے۔ میرے بعد راحتؔ اندوری کی باری آئی۔ انھیں بھی سراہا گیا مگر عوامی مشاعروں والی واہ واہ نہیں ہوئی۔ شکیلؔ گوالیاری کے شعروں میں فکری دبازت اور تنوع کو بنظرِ استحسان ملاحظہ کیا گیا۔ پہلے دَور کے بعد وقفہ ہوا متعدد با ذوق خواتین و حضرات نے اپنے تاثرات کا مجھ سے اظہار کیا۔ ایک صاحب نے کہا کہ ’’پرانجل‘‘ کے مشاعروں میں وہ پہلی مرتبہ ایک ایسے شاعر سے روبرو ہوئے ہیں جو خود اپنا کنواں کھود کر پانی پینے اور پلانے میں یقین رکھتا ہے۔ ایسی بلیغ رائے ضرور کسی عالِمِ شعر کی ہو گی۔ سامعین سے مل کر مجھے خاصی Inspiration ملی۔ دوسرے دَور میں بھی میں نے رمزیت، ایمائیت اور شعریت سے بھر پور اشعار پیش کیے اور سرخ روئی حاصل کی۔ اس کا بیّن ثبوت یہ ہے کہ ’’پرانجل ‘‘ کے بانی و صدر آر۔ سی۔ مانگلک میرے پاس آئے اور نذرانے کا لفافہ میری طرف بڑھاتے ہوئے بولے کہ آئندہ بھی ’’پرانجل‘‘ کے مشاعروں میں آپ آتے رہیں گے۔ مشاعرے میں گوالیار کے ہندی / اُردو کے رسالہ ’’جدید فنکار‘‘ کے مدیر قمر الدین برترؔ اور بھنڈ کے ہندی اُردو کے معروف قلمکار ڈاکٹر اوم پربھا کر بھی شریک ہوئے تھے۔ گوالیار کے ہی مزاح کے نامور شاعر اور ہندی کے مقبول جریدہ ’’آرمبھ‘‘ کے مدیر پردیپ ؔ چوبے بوجہ علالت شریک نہیں ہو سکے۔ انھوں نے از راہِ خلوص مجھے ایک رقعہ بھیج کر اپنی غیر حاضری پر معذرت کا اظہار کیا۔ پردیپ چوبے کی اہلیہ شامل ہوئی تھیں۔
اگلی صبح کا ناشتہ رام کشور شکلا کے یہاں تھا۔ وہاں بھی میرے ہندی رسم الخط کے مجوزہ مجموعے کی بات نکلی۔ میرے استفسار کرنے پر شکلا نے کسی تکلّف یا تردّد کے بغیر میری غزلوں کے ہندی انتخاب کی کم از کم ایک سَو جلدوں کی نکاسی کی یقین دہانی کرا دی۔ شکلا، گوالیار کے جانے مانے شخص تھے۔ اعلیٰ منصب پر تعینات تھے، سیاسی اور ادبی حلقوں میں بھی متعارف تھے۔ ان کے لیے کتاب کی سَو سَو روپئے کی سَو جلدیں نکلوا دینا بادی النظر میں مجھے کچھ مشکل بھی نظر نہ آیا۔ لہٰذا میں نے لامکاں ؔ، لاریبؔ، لاکلامؔ اور مابعد کی تازہ ترین غزلوں کا ایک عمدہ انتخاب دیوناگری رسم الخط میں پیش کرنے کا تہیّہ کر لیا۔
بھنڈ کا مشاعرہ
گوالیار کا مشاعرہ سننے آئے ڈاکٹر اُوم پربھا کر نے حال ہی میں اُردو سیکھی تھی۔ ہندی کے ایک ممتاز پروفیسر اور مشہور شاعر و نقاد کا اُردو کی مشق بہم پہنچانا ایک مشکل مرحلے کو تسخیر کرنے کا مصداق تھا۔ اُوم پربھا کر پہلے سے میرے قلمی دوست تھے، انھوں نے کئی دفعہ یک مشت دس دس بیس بیس غزلیں میری نظر گزار کی تھیں، لیکن جیسے ہی میرے علم میں آیا کہ وہ شکیل گوالیاری کے تلمیذ ہیں تو میرے باور کرانے پر کہ اصلاحِ کلام کے واسطے شکیل گوالیاری افضل ہیں، وہ مان گئے تھے۔ اُردو کا ان کا پہلا مجموعۂ کلام ’’تنکے میں آشیانہ‘‘ کے نام سے شائع ہو چکا ہے جو فضیل جعفری، شمس الرحمن فاروقی اور شکیل گوالیاری کی پیش گفتاروں سے آراستہ ہے۔ مشاعرے میں اوم پربھا کر کو دیکھ کر مجھے ندا فاضلی کا احتمال ہوا۔ چہرے مہرے سے ندا فاضلی کی نقل (Duplicate) ہیں۔ دونوں میں گاڑھی چھنتی ہے۔ دونوں بَلا نوش بھی ہیں۔ اوم پربھا کر نے ۲۳/ مارچ کی شب میں بھنڈ کے ’’ہندوستانی برادری سنگٹھن‘‘ کی طرف سے ایک مخصوص محفلِ مشاعرہ کا اہتمام کر لیا تھا۔ لگے ہاتھ دعوت نامہ چھپوا لائے تھے۔ ہمیں لگا کہ ’’راستے بند ہیں سب کوچۂ قاتل کے سوا‘‘ لہٰذا شکیل گوالیاری، احمد کمال پروازی اور راقم نے لنچ کے بعد گوالیار سے کوچ کیا اور بھنڈ پہنچ کر پہلے اوم پربھا کر کے گھر گئے۔ پر تکلف ناشتہ سے محظوظ ہوئے اور تازہ دم ہو کر بھنڈ کی مشہور ’’پرَینے لاج‘‘ کے لیے روانہ ہوئے۔ جدید طرز کی اسی لاج میں ہمارے قیام و طعام اور مشاعرے کا انتظام و انصرام تھا۔
بھِنڈ، صدیوں سے نامی گرامی ڈاکوؤں کے حوالے سے جانا مانا رہا ہے۔ ایسے علاقے میں ہندی اور اُردو ادب کے با ادب، با ذوق اور با شعور سامعین کا اجتماع بھنڈ کی تصویر کا دوسرا رخ تھا، جس کو میں برخلاف توقع دیکھ رہا تھا۔ میزبانی بھی سرتاسر اعلیٰ روایات کی آئینہ دار تھی، شمع محفل روشن کی گئی، ڈائس پر فروکش مہمان شعراء کی گل پوشی ہوئی اور خنداں پیشانی کے ساتھ۔ قیمتی گرم شال، مٹھائی کا ڈبہ اور نذرانے کا لفافہ پیش کیا گیا۔ شکیل گوالیاری کی صدارت میں یہ مشاعرہ نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔
علی الصبح میں نے اٹاوہ کی بس پکڑی، جلد ہی چنبل کی پیچ دار گھاٹیوں اور خوفناک بیہڑ دکھائی دینے لگے، جن کی بھُول بھلیّوں میں صدیوں سے خوفناک ڈاکوؤں کو پناہ مل رہی ہے۔ میری بس ایک ہیبت ناک سنّاٹے کو چیرتی ہوئی بل کھاتی چنبل ندی کے پُل پر آ گئی۔ اِس ندی کو اورنگ زیب نے ۱۶۵۶ء میں گوالیار کے پاس اپنی فوج پھاٹک کے ساتھ ہاتھی گھوڑوں سے پار کیا تھا اور آگرہ پہنچ کر اپنے باپ کو قید کر کے خود ہندوستان کا بادشاہ بن بیٹھا تھا۔ چنبل ایک گہری، تند و تیز اور پاٹ دار ندی ہے، مگر کہیں کہیں پایاب بھی ہے۔ کسی واقف کار سے اورنگ زیب کو ندی میں راستہ مل گیا تھا۔ چنبل سے گزر کر تھوڑی ہی دیر میں بس جمنا ندی کے پُل پر آ گئی۔ پُل کے دوسری طرف اِٹاوہ تھا۔ پُل سے گزرتے ہوئے معاً میری نظریں اس خوب رو نوجوان کو تلاش کرنے لگیں جس کو رُبع صدی قبل، پانی میں کھیلتے ہوئے جمنا کی کسی سفّاک لہر نے اِسی پل سے لگے کنارے سے اٹھا لیا تھا اور اس کی لاش تک واپس نہیں کی تھی۔ وہ نوجوان میرے محکمے کے ہر دل عزیز اور یار باش ریجنل منیجر آر۔ پی۔ اوستھی کی اکلوتی اولاد تھی۔ جمنا پار ہوتے ہی اٹاوہ آ گیا۔ ملائم سنگھ یادو کا اٹاوہ۔ میں نے بس چھوڑ کر ٹرین پکڑی اور چند گھنٹوں میں فتح پور آ پہنچا۔
سدا بہار غزل
گوالیار اور بھنڈ کے ہندی دانوں کے تاثرات اور رام کشور شکلا کی یقین دہانی سے حوصلہ پا کر میں نے اگست ۲۰۰۳ء میں ’’سدا بہار غزل‘‘ کے نام سے اپنی منتخب غزلوں کی ایک عمدہ کتاب دیوناگری رسمِ خط میں چھپوا لی، لیکن تب تک شکلا سو کتابوں کی نکاسی کا اپنا وعدہ بھول چکے تھے۔ تعجب ہے کہ میں شکلا کی لن ترانی کو بھانپ نہ سکا۔ پھر بھی میں نے سدا بہار غزل کی بیس جلدیں (دو عدد رجسٹرڈ پیکٹوں میں ) شکلا کو بہم پہنچا دیں، جن کو انھوں نے قابلِ ضبطی قرار دے دیا اور میرے ہرجہ خرچہ پر بھی کتابیں واپس کرنے کے روادار نہ ہوئے۔ دو ہزار روپیوں کی کتابیں بھی ہاتھ سے گئیں، ٹیلی فونوں اور رجسٹری فیس پر دو ڈھائی سَو کی چپت الگ لگی۔ اس طرح آنکھیں کھولتے ہی ’’سدا بہار غزل‘‘ کو موسمِ خزاں کا منھ دیکھنا پڑا۔ محاورے کی زبان میں ’’سرمنڈاتے ہی اُولے پڑے ‘‘۔
صوفی شاہ منظور عالم موج شاہی کے دربار میں
سمندر کی کوئی تیز طرّار لہر اکثر پلٹ پلٹ کر کسی ساحلی چٹان سے نبرد آزما ہوتی ہے کہ اسے عبور کر لے مگر ناکام رہتی ہے، لیکن پاس کی کسی چٹان میں اسے کوئی درّہ یا نشیب مل جاتا ہے اور وہ تنگ نائے ساحل سے گزر کر وادی میں دُور دُور تک پھیل جاتی ہے۔ انگریزی کے کسی شاعر کے اس مشاہدے نے میری رہنمائی کی اور میں نے ’’پتھروں ۱ کے شہر ‘‘ گوالیار سے سر پھوڑتے رہنے سے گریز کیا۔
کوئی عرصہ گزرا ہو گا کہ ایک روز میرے ایک مقامی شناسا(اعلیٰ تعلیم یافتہ تاجر کتب) ’’کرشن مُراری ٹنڈن‘‘ نے کانپور کے بزرگ و برگزیدہ ’’صاحب جی‘‘ (صوفی منظور عالم شاہ موجؔ) کی ذات و صفات کا چرچا کیا۔ ان کی زبانی معلوم ہوا کہ ’’صاحب جی‘‘ کا طبع زاد کلام اور مثنوی مولانا روم کے ترجمہ کی شرح و بسط بڑی تعداد میں دیوناگری میں چَھپ چکے ہیں۔ باور کرایا کہ ’’صاحب جی‘‘ ایک دانشور اور با کمال صوفی مَنِش ہیں، ہیر پیلس (مال روڈ) کے عقب میں موصوف کی خانقاہ ہے۔ ٹنڈن جیسے سنجیدہ اور سیدھے سچّے آدمی کی باتوں سے اُن کے ’’صاحب جی‘‘ سے شرفِ نیاز حاصل کرنے کا میرے دل میں اشتیاق پیدا ہوا۔ اگرچہ ۱۹۹۰ء سے ۱۹۹۵ء تک جاجمؤ (کانپور) کے عرصۂ قیام میں ’’صاحب جی‘‘ کی خانقاہ کے بے حد قریب سے دفتر کی میری آمد و رفت رہی تھی، مگر’’ کُل امر مرہون با وقاتہا‘‘ (ہر کام وقت کا مرہون ہوتا ہے )۔
اگلی بار جب مَیں کانپور پہنچا تو صوفی منظور عالم شاہ موج شاہی سے غائبانہ یگانگت کی کشش مجھے ان کے پاس کھینچ لے گئی۔ عود و عنبر سے مہکتی ہوئی نہایت کشادہ اور مزیّن خانقاہ میں شاہ منظور عالم، درویشانہ طور طریق اور عارفانہ محویّت کے ساتھ، ارادت مند خواتین و حضرات کے جلو میں بوُریا نشین تھے۔ میں نے آداب گزارش کرتے ہوئے مصافحہ کیا۔ مصافحے کے نرم و گداز لمس اور گرم جوشی کی حرارت کو میں نے صاف محسوس کیا۔ جیسے ہی میں نے اپنا نام اور تخلص بتایا موصوف کی آنکھوں میں یگانگت کی چمک پیدا ہوئی ’’یوں لب کُشا ہوئے کہ گلستاں بنا دیا‘‘ مجھے یہ جان کر تحیّر آمیز مسرّت کا احساس ہوا کہ موصوف میرے نام اور کلام سے بخوبی متعارف ہیں نیز راقم اُن کا پسندیدہ شاعر ہے۔ اپنے قریب بٹھایا، چائے اور پان سے تواضع کی۔ میں نے لاکلام (۲۰۰۰ء) اور سدا بہار غزل (ہندی) (۲۰۰۳ء) کے نسخے موصوف کی نذر کیے۔ پہلے انھوں نے ’’لاکلام‘‘ پر ایک طائرانہ نگاہ ڈالی۔ پسندیدہ اشعار ڈوب ڈوب کر پڑھتے، شعریت اور کیفیت سے سرشارہوتے، گہرے معنی کے رنگ سے شرابور ہوتے اور عش عش کرتے، راقم ایک عالِمِ شعرسے بالمشافہ تھا، نرم خوئی اور کسر نفسی جس کے پوُر پوُر میں رچی بسی ہوئی تھی، لاکلام کے جتنے بھی چیدہ چیدہ اشعار شاہ صاحب کی نوکِ زبان پر آئے سب کے سب برصغیر کے اکابرینِ ادب کے نوکِ قلم پر آ چکے تھے۔ اس سے موصوف کے صحیح معنوں میں سخن فہم ہونے کا ثبوت ملا۔ لاکلام کے بعد سدابہار غزل(ہندی) کے ابتدائی صفحات اُلٹے، قیمت دیکھی اور جیب سے سو روپئے کا نوٹ نکال کر خندہ رُوئی کے ساتھ میری طرف بڑھا دیا۔ تحفے کی قیمت وصول کرنے سے بار بار انکار کرنے پر بھی موصوف راضی نہ ہوئے۔ انھیں لمحوں میں ان کا ایک خاص عقیدت مند مجھ سے مخاطب ہوا، بولا کہ حضور کا یہ انعام و اعزاز کسی نصیب والے کو ہی عطا ہوتا ہے، انکار نہ کیجیے۔ لہٰذا میں نے نعمتِ غیر مترقبہ سمجھ کر قبول کر لیا۔ کچھ دیر بعد جب میں نے رخصت چاہی تو میرے ساتھ شاہ صاحب بھی کھڑے ہو گئے۔ پیر مرشد کھڑے ہوئے تو اہلِ خانقاہ میں کس کی مجال تھی جو بیٹھا رہتا۔ یہ لمحات مجھ ہیچ مداں کے لیے واقعی بڑے سخت تھے، سربلند ہونے کے بجائے میں شرم سار ہو رہا تھا۔ تخلیقات کو بنظر استحسان دیکھنا اور تخلیق کار کو ناچیز سمجھنا آج کے انا گزیدہ اور اعلیٰ منصبی اساطین ادب کا وتیرہ بن چکا ہے، مگر صوفی شاہ منظور عالم تو اپنی اَنا کو فنا کر چکے ہیں۔ انھوں نے فن اور فنکار کو ایک نظر سے دیکھا جس سے میرے اندر خود اعتمادی کی ایک نئی قوت پیدا ہوئی
مری صفات کا جب اس نے اعتراف کیا
بجائے چہرے کے آئینہ میں نے صاف کیا
(راقم)
فتح پور واپس آنے پر میری اہلیہ نے سَو روپے کے اُس نوٹ پر ’’شاہ منظور عالم کا عطیہ ‘‘ لکھ کر میری پرس (Purse) کے اُوپری شفّاف خانے کی زینت بنا دیا تاکہ اس کے فیوض و برکات سے میرا منی بیگ بھرا پُرا رہے۔
موصوف کی متنوّع اور جامع الصفات شخصیت کی جذب و کشش نے بہت جلد مجھے ایک بار پھر ان کے دربار میں پہنچا دیا۔ من و عن پہلے جیسا سلوک کیا، حاضرین خانقاہ سے الگ اپنے پاس بٹھایا۔ ایک بار پھر میں ایک منکسر المزاج، حلیم الطبع، عالمانہ اور درویشانہ تشخص کی حامل ہستی سے رُو برو تھا۔ میں نے مشاہدہ کیا کہ خانقاہ کا رُخ کرنے والوں میں بیشتر اعلیٰ تعلیم یافتہ غیر مسلم مردو زن ہیں جو قریب و دُور سے جوق در جوق حاضر ہو رہے ہیں۔ مجھے باور آیا کہ صوفیِ کامل شاہ منظور عالم کی شہرت اور ہر دل عزیزی چہار دانگ ہے اور بلا تفریق مذہب و ملّت ہے۔ یہ مرتبہ خاموش رُوحانی ریاضت سے حاصل ہوتا ہے۔ خانقاہ میں بھائی چارا، مہذّب طرزِ تخاطب، احترامِ آدمیّت اور مساوات کا رُوح پرور منظر دیکھتے ہی بنتا ہے۔ وقت رُخصت شاہ صاحب ایک بار پھر کھڑے ہونے لگے، میں نے مزاحمت کی اور عرض کیا کہ اُن کے ہزا رہا عقیدت مندوں میں ایک مَیں بھی ہوں، پھر میرے ساتھ یہ تخصیص کیوں ؟ لیکن موصوف نے میری ایک نہ مانی۔ رخصت کرتے وقت مجھ سے بولے کہ آئندہ جب آپ آویں تو ’’سدابہار غزل‘‘ کی بیس جلدیں لیتے آویں۔ میں نے ہفتہ عشرہ میں ان کے ارشاد کی تعمیل کر دی۔ اگلی حاضری میں انھوں نے نہایت خوش دلی کے ساتھ بیس جلدوں کی پوری قیمت مجھے ادا کر دی۔ اس اعانت بلکہ عنایت کو بمشکل ایک ماہ گزرا ہو گا کہ موصوف نے ’’سدا بہار غزل‘‘ کی مزید بیس کاپیاں طلب کر لیں۔ اس دفعہ میں نے تکلفاً شاہ صاحب کو مشورہ دیا کہ پوری قیمت کے بجائے فی کاپی اسّی مقرر کر لیں۔ شاہ صاحب کے اندازِ دلنوازی پر تحسین و آفریں ہے کہ جواباً کتا ب کی معیّنہ قیمت کو بہ لحاظ مواد (Matter) پہلے سے ہی کم قرار دیا اور پورے دو ہزار روپئے مجھے دلوائے۔
کان پور کے اعلیٰ تعلیم یافتہ شاعر، ناقد، مقرّر اور ناظمِ مشاعرہ ڈاکٹر سیّد مہدی جعفری، صوفی شاہ منظور عالم کے محبوبِ نظر ہیں۔ اُردو ادب میں Ph.D.ہیں۔ مگر ہندی /سنسکرت میں بھی قابلِ رشک علمی استعداد رکھتے ہیں۔ ’’سدا بہار غزل‘‘ کا فلیپ جعفری کا ہی تحریر کردہ ہے۔ جعفری نے بھی اپنے اثرو رُسوخ سے اس کتاب کی بیس بائیس جلدیں یونیورسٹی اور کالج کی لائبریریوں نیز ہندی داں احباب کو پورے داموں فروخت کر کے ادب نوازی کا ثبوت بہم پہنچایا۔ حاصل کلام یہ ہے کہ میں نے ہوا کا رُخ بدلنے کا انتظار کیا اور جب ’’سدا بہار غزل‘‘ کی خوشبو کو راہ ملی تو قریب و دُور پھیلتی چلی گئی۔ یوپی، بہار، دہلی اور راجستھان کے کتاب میلوں (Book Fairs) کے علاوہ ہندی کے تاجران کتب اور احباب کے ذریعہ بھی ’’’سدابہار غزل‘‘ کی خاصی تعداد میں نکاسی ہوئی، حتّٰی کہ اس کتاب کی اشاعت منفعت بخش ٹھہری۔ اس طرح شاہ منظور عالم موجؔ شاہی کے چراغ سے چراغ جلتے گئے
علم و ہنر کی روشنی پھیلتی ہے اسی طرح
جلتے ہیں اک چراغ سے جیسے ہزار ہا چراغ
(راقم)
ایک بار راقم بروز جمعرات قریباً گیارہ بجے خانقاہ پہنچا۔ دیکھا کہ گیروئے کپڑوں میں ملبوس ایک مغنیہ ہارمونیم پر شاہ صاحب کا صوفیانہ اور حقّانی کلام دلآویز ادائیگی کے ساتھ گا رہی تھی، جہاں وہ خود ماہر ہارمونیم نواز تھی وہیں اُس کا ڈھولکیا بھی اپنے فن میں اُستاد تھا۔ میرے پہنچنے پر موصوف نے میری پاسِ خاطر کے لیے سماع میں وقفہ کرنا چاہا مگر میں نے یہ گوش گزار کرتے ہوئے منع کر دیا کہ اجداد کی طرح میں بھی سنجیدہ قولی کا رسیا ہوں۔ مغیّنہ نے محفل سماع میں ایک سماں باندھ رکھّا تھا۔ اکثر میں نے جمعرات کی اِس محفل میں شریک ہو کر شاہ صاحب کے کلام بلاغت نظام اور مغیّنہ کے دلکش طرزِ ادائیگی سے سیرابیِ ذوق کا لطف حاصل کیا ہے۔ سماع کے لمحوں میں شاہ صاحب پر ایک پُر اسرار سی سرشاری اور وجد کی کیفیت طاری رہتی ہے، ایک ایسی محویّت، ایک ایسی بے خودی کہ بہ زبان غالبؔ
ہم وہاں ہیں جہاں سے ہم کو بھی
کچھ ہماری خبر نہیں آتی
بیشک شاہ منظور عالم موج ؔ شاہی ایک با کمال صوفی مَنِش ہیں۔ موصوف طریقت کے بہت ممتاز مقام پر فائز ہیں۔ آپ مقامِ فقر و غنا میں معرفت اور رموزِ حیات کے جوُیا ہیں۔ آپ کی شاعری ہمیں رُوحانی جمالیات سے آشنا کرتی ہے۔ تخلیقی عمل میں رُوحانی جمالیات تک رسائی ایک عمر کی ریاضتِ تزکیۂ نفس سے حاصل ہوتی ہے۔ آپ کے کلام میں ایک ایسی نغمگی، حسن اور موسیقیت ہے جس کو راہِ عشق کے مسافروں کے واسطے جرسِ منزل سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ آپ کے طبع زاد کلام کے پانچ عدد مجموعے ’’گولر کے پھول‘‘ کے نام سے ہندی رسم الخط میں شائع ہو چکے ہیں۔ ’’مشتے نمونہ از خردارے ‘‘ کی مثال یہ اشعار دیکھیں
اس کے ہاتھ سے جس نے پی وہ گھر نہیں لوٹا
پیاس پھر نہیں بجھتی بس یہی قیامت ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
کچھ خوف نہیں رکھتے طوفان ڈبو دے گا
ہم جس کے ہیں اُس کا یہ دھارا ہے کنارہ ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ہمارا کام ہے بازار میں کھڑا ہونا
غلام کی کوئی قیمت نہیں لگی، نہ سہی
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ہم بھی دیکھیں گے یار وہ جلوہ
جس کے شب کی سحر نہیں ہوتی
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ہم بھول نہیں پائے اندازِ کرم ان کا
جب ان کی نظر اٹھّی شاخوں پہ ثمر جھولے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
مٹ تو جاتی ہے مگر مٹتی نہیں
ایسی ہستی جو تری پہچان ہو
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ترے کرم کا کہاں تک کوئی شمار کرے
وفا کی بات تو یہ ہے کہ جاں نثار کرے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ڈوبو جو اس ندی میں قدموں سے جا لگو گے
دریاسے دُور رہ کر کس کو ملا کنارہ
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
فخرِ زندگی اپنا، داغ ہے غلامی کا
اُن کے ہاتھ اپنے کو ہم نے بیچ ڈالا ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
آتی ہوئی صد رنگ کی بوچھار ملے گی
اُس صحنِ چمن کی طرف اے یار چلو ہو
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ایک مرتبہ جب مَیں خانقاہ پہنچا تو شاہ صاحب مثنویِ مولانا روم کے ترجمہ کی تفسیر کا ہندی رسم الخط میں املا (Dictation) کرا رہے تھے۔ املا میں، مثنوی کے اَسرارِ معنی صفحۂ قرطاس پر ابھرتے جاتے تھے۔ موصوف کا یہ علم و کمال معارفِ تصوّف کے محرمِ راز ہونے کا غمّاز تھا۔ شاہ صاحب نے طبع زاد کلام اور مثنوی مولانا روم کی تفسیر و تعبیر کی ترویج و اشاعت کے واسطے عوامی رابطے کی دیوناگری رسم الخط کا انتخاب کیا ہے، کیونکہ اپنے مطمح نظر اور نصب العین کو گھر گھر پہنچانے میں رائج الوقت رسمِ خط ہی موثر ثابت ہوتا ہے، البتہ یہ امر ملحوظ خاطر رہے کہ مثنوی کی تشریح ہو یا شاعری، انشا پردازی ہو یا نقد و نظر شاہ صاحب کی زبان اور لب و لہجہ من حیث المجموع اُردو ہی ہے۔ مولانا جلال الدین رومی کی شہرہ آفاق مثنوی کے ترجمہ و تفسیر پر مشتمل اب تک آپ کی پانچ عدد ضخیم جلدیں دیوناگری میں اشاعت پذیر ہو چکی ہیں۔ ان کے مطالعہ میں میری دلچسپی کو بھانپ کر موصوف نے تمام جلدیں میری نذر کیں اور ان سے کسبِ فیض کرنے کا موقعہ عنایت کیا۔ موصوف بلا شبہ مثنویِ مولانا روم کے عارف، رمز شناس اور جیّد عالم ہیں۔ مثنوی کے ترجمہ کی شرح و بسط کو آپ نے درجۂ کمال تک پہنچایا ہے۔ مولانا روم کی شاعری میں سرمستی اور روحانی کیفیت کو دیگر زبان کے پیرایہ میں فطری انداز میں ڈھالنا، خود اس سرخوشی اور سرشاری میں ڈوبنا ہے اور یہ خوبی رُوحانی واردات کے گزرنے پر ہی پیدا ہوتی ہے۔ شاہ منظور عالم نے اس کے فیضان کو عام کرنے کی غرض سے ہی مثنوی مولانا روم کی تفسیر و تعبیر کی داغ بیل ڈالی ہے جس کے ثمرات سے ہر خاص و عام فیض یاب ہو رہا ہے۔ خانقاہ میں تحریر و تقریر کے ذریعہ موثر اور سہل انداز میں مثنوی کے زیریں حقائق تک رسائی کرائی جاتی ہے۔ یہ مثنوی ایک عارف باللہ اور فانی فی اللہ کا کلام ہے اس کی تفہیم کا حق وہی ادا کر سکتا ہے جس کی ذات، مذکورہ صفات سے بدرجہ اتم متّصف ہو۔ شاہ منظور عالم نے اگر مثنوی مولانا روم کو عزیز جاں بنایا ہے تو بیشک ان کو اس کا حق حاصل ہے۔
مولانا جلال الدین رومی کی شاعری زمان و مکان سے ماورا ہے۔ یہ کسی خاص عہد یا مکتبِ فکر کی شاعری نہیں ہے۔ آج کے دَورِ پر آشوب میں کہ جب انسانی اور اخلاقی اقدار کا زوال نقطۂ عروج پر ہے، ضروری ہے کہ مولانا رومی کی شاعری کی ترویج و اشاعت بڑے پیمانے پر ہو تاکہ سِسکتی انسانیت کو قرار آئے۔ مرزا غالبؔ کا قول ہے
حُسن فروغِ شمع سخن دور ہے اسدؔ
پہلے دلِ گداختہ پیدا کرے کوئی
لیکن شاہ منظور عالم نے مشق و مزاولت سے ’’دلِ گداختہ‘‘ پیدا نہیں کیا۔ یہ خوبی تو قسّام ازل سے انھیں ودیعت ہوئی ہے۔ خلوت اور جلوت میں ہمیشہ نگاہ نیچی رکھنے والے شاہ صاحب کی طرف سے مجھے اندیشہ تھا کہ اگر سر راہ ان کا سامنا ہو گیا تو اغلباً مجھے اجنبی جان کر گزر جائیں گے، مگر جب خانقاہ کی وقیع و موقر میگزین ’’رس کھان‘‘ کے اکتوبر ۲۰۰۵ء کے شمارے میں شاہ صاحب کے رشحات قلم (غلام مرتضیٰ راہی۔ میری نظر میں ) کی مندرجہ ذیل سطور کے آئینے میں مجھے اپنی صورت دکھائی دی تو میں آنجناب کی نیچی نگاہ کی کرشمہ سازی پر حیران رہ گیا۔
’’غلام مرتضیٰ راہی مجھے یوں پسند آئے کہ ا نسان پرست ہیں، انسانیت رکھتے ہیں، غرور و تکبّر سے دُور ہیں۔ نرم زبان اور شیرینی رکھنے والا لہجہ مَن کو موہ لیتا ہے اور آدمی ایک دفعہ ملنے کے بعد ان سے بار بار ملنے کی خواہش رکھتا ہے۔ بھرا ہوا چہرہ کبھی اُجلا رہا ہو گا، اب زمانے کی دھوپ سہتے سہتے سنولا گیا ہے، لیکن باطن کا حسن چہرے کو جاذب نگاہ بنائے ہوئے رکھتا ہے۔ ناک اُوپر سے پتلی، نیچے کی طرف پھیل۱ گئی ہے، لیکن بھدّی نہیں لگتی۔ پیشانی چوڑی اور اونچی، سر پر بال گھنے، آنکھیں چمکتی ہوئی اور جاگتی ہوئی، قدرت کا کوئی شاہ کار ہونے کی گواہی دیتی ہیں ‘‘۔
ہندوستان میں بارہویں صدی میں تصوّف اور بھکتی کے اتصال اور امتزاج سے صُلح کُل، بھائی چارا، وسیع المشربی، انسان دوستی اور احترام آدمیت کے جس تصوّر اور جس نصب العین کو پرچار اور فروغ ملا وہ علی الخصوص ہندوستانی برادری کے واسطے نشانِ راہ ہے۔ صوفی شاہ منظور عالم موجؔ شاہی سراپا فانوس بن کر اُسی تابندہ روایت کی پاس داری کر رہے ہیں۔ موجودہ عہد کے صوفیائے کرام میں یہی ان کا طُرّۂ امتیاز ہے
آں کس کہ بِداند ولے داند کہ نداند
او منزل خود برسر افلاک رَساند
(جو سب کچھ جانتا ہے لیکن سمجھتا ہے کہ کچھ نہیں جانتا (یا کچھ جاننے کا دعویٰ نہیں کرتا) وہی اپنی منزل کو آسمانوں کی بلندی تک لے جاتا ہے )
فتح پوریات
معروف شاعر م۔ اخلاق کا انتقال فروری ۲۰۰۵ء میں ہوا۔ مانک پور، ان کا مولد تھا، لیکن انھوں نے ۵۱۔ ۱۹۵۰ء میں فتح پور کے محلہ کٹرہ عبدالغنی میں اپنے دادا کے قدیمی مکان میں مستقل طور سے سکونت اختیار کر لی تھی۔ کلکٹریٹ سے ۱۹۹۳ء میں وظیفہ یاب ہوئے۔ نواب حیدرآباد کے اُستاذی نیز قادر الکلام شاعر جلیلؔ مانک پوری کو وہ ’’جلیل بابا‘‘ کے نام سے یاد کرتے تھے، کیونکہ علی احمد جلیلی (فرزند جلیل مانک پوری) اُن کے سگے خالو تھے۔ م۔ اخلاق کا رشتہ پہلے علی احمد جلیلی کی دُختر(خالہ زاد بہن) سے طے ہوا تھا مگر کسی وجہ سے شادی میں استوار نہیں ہو سکا۔
راقم کے فتح پور میں وارد ہونے کے بعد ۹۷۔ ۱۹۹۶ء میں آل انڈیا ریڈیو لکھنؤ کی اُردو کی پروگرام انچارج غزالہ صدیقی کے طویل رخصت پر جانے کے سبب، وہیں کی کارکن مہ جبین زیدی کو مذکورہ پروگرام کا چارج مل گیا تھا۔ ادیبہ ہونے کی وجہ سے مہ جبین زیدی میرے نام سے واقف تھیں۔ مشہور افسانہ نگار رام لال کے زیر اہتمام ۱۹۸۴ء میں ’’اُردو کے غیرمسلم مصنّفین‘‘ کے موضوع پر لکھنؤ میں منعقدہ سہ روزہ سیمنار کے انتظام و انصرام نیز شرکاء کے خیر مقدم میں مہ جبین زیدی نے نمایاں رول ادا کیا تھا۔ کسی زمانے میں ڈاکٹر مَلِک زادہ منظور احمد کی منظورِ نظر تھیں۔ بہر کیف میرے ایک پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران مہ جبین زیدی نے میرے تجویز کردہ فتح پور کے چند ایسے مستحق قلم کاروں کو ریڈیو کے متعدّد پروگرام دلوائے جن کو اب تک موقع نہیں ملا تھا۔ جن شاعروں اور افسانہ نگاروں کے نام میں نے تجویز کیے، ان میں م۔ اخلاق کے مکان کا پتہ مجھے معلوم نہ تھا جب کہ وہ سفارش کے سب سے زیادہ مستحق تھے، چنانچہ ان کے تمام پروگرام میں نے اپنے پتہ پر منگوا کر اُن کو بہم پہنچائے۔ اس حسنِ سلوک کی وجہ سے م۔ اخلاق ایک مخصوص مدّت تک میرے بے حد قریب رہے، ایک شعری لغت ترتیب دے رہے تھے، پایہ تکمیل کو پہنچنے والی تھی کہ ان کا پروانۂ اجل آ پہنچا۔
کٹرا عبدالغنی (کٹ را بمعنی احاطہ، کوچہ) کے بنیاد گزار اور مالک و مختار عبدالغنی کے عہد اور ان کے سوانحی کوائف کے بارے میں جاننے کا تجسّس مجھے بہت عرصے سے تھا۔ م۔ اخلاق کے پاس ان کا اَتا پتا نہیں تھا۔ حسنِ اتفاق سے ڈاکٹر اُوم پرکاش اوستھی بھی کٹرا عبدالغنی میں رہائش پذیر ہیں۔ موصوف ہندی اور اودھی بھاشا کے جیّد عالم، محقق اور پایے کے نقّاد ہیں۔ فتح پو ر کی تاریخ، آثارِ قدیمہ، فنون لطیفہ، ادب اور تہذیب و تمدّن پر مشتمل ڈاکٹر اوستھی کی مستند کاوش (انواک، ۱۹۸۲ء) کا بیان پہلے آ چکا ہے۔
پدماوت
ہندی ادب میں مَلِک محمد جائسی کی شہرہ آفاق تخلیق ’’پدماوت‘‘ پر ڈاکٹر اوستھی کی تحقیق و تنقید کو سند کا درجہ حاصل ہے۔ ’’پدماوت‘‘ اوّل اوّل اُردو رسم الخط میں لکھی گئی اور ڈاکٹر اوستھی کو موضع ہسوہ (ضلع فتح پور) کے ایک بزرگ سے ’’پدماوت‘‘ (بھاکھا) کا اوّلین با ترجمہ اُردو ایڈیشن دستیاب ہو گیا، لیکن ڈاکٹر اوستھی کو اُردو نہیں آتی، یہ نایاب ایڈیشن کانپور کے شعلۂ طور پریس (قائم شدہ ۱۸۶۱ء بمطابق مہر مطبع) سے ۱۲۸۶ہجری (۱۸۷۸ء) میں شائع ہوا۔ راقم نے ’’پدماوت‘‘ کے زیر بحث اوّلین با ترجمہ اُردو ایڈیشن کو بنظر غائر دیکھا ہے۔ اس کے آخری صفحہ کی تحریر کے مطابق ’’پدماوت‘‘ کا یہ مکمل با ترجمہ اُردو ایڈیشن منشی احمد علی رساؔ (جو متعدد زبانوں کے علاوہ ’’بھاکھا‘‘ پر بھی دستگاہ رکھتے تھے ) کی کاوش کا ثمرہ ہے۔ منشی احمد علی رساؔ نے شعلۂ طور پریس کے مالک منشی جمنا پرساد کی فرمائش پر یہ کاوش کی تھی۔ کتاب کے آخری صفحہ پر مترجم احمد علی رساؔ کا مندرجہ ذیل قطعۂ تاریخ مرقوم ہے
قصّہ پدماوت کا بس محبوب ہے
ترجمہ اس کا بہت مرغوب ہے
یوں کہا فکرِ رساؔ نے سالِ طبع
بے تامل ترجمہ یہ خوب ہے
۱۲۸۶ہجری
صفحہ کی اختتامی سطور میں مطبع شعلۂ طور کا اعلان شائع ہوا ہے جس کا شروعاتی جملہ یہ ہے کہ ’’پدماوت‘‘ بھاکھا کا ابھی تک ترجمہ نہیں ہوا تھا‘‘ لہٰذا یہ دعویٰ کہ ’’پدماوت‘‘ کا ناتمام با ترجمہ اُردو ایڈیشن سب سے پہلے سرجارج گریسن اور پنڈت سُدھا کر پرساد دویدی نے ۱۹۱۱ء میں شائع کیا، ڈاکٹر اوستھی کے پاس دستیاب ’’پدماوت‘‘ کے مکمل باترجمہ اُردو ایڈیشن مطبوعہ ۱۸۷۸ء کے پیشِ نظر غلط ثابت ہو جاتا ہے۔ دراصل ڈاکٹر اوستھی، راقم کی مدد سے محولہ اوّلین اُردو ایڈیشن نیز مابعد کے ہندی ایڈیشن بالخصوص آچاریہ رام چندر شکلا کی ’’جائسی گرنتھاولی‘‘ (۱۹۳۳ء) اور ڈاکٹر اگروال کی ’’پدماوت بھاشیہ ‘‘ (۱۹۵۵ء)کا تقابلی مطالعہ کرتے ہوئے اُوریجنل ’’پدماوت‘‘ میں کی گئی ترمیم، تخفیف اور اضافے کے جواز پر ایک تحقیقی و تنقیدی مقالہ قلم بند کرنا چاہتے تھے۔ چونکہ میں نے ہندی ادب کے نصاب میں ملک محمد جائسی کو پڑھ رکھّا تھا اس لیے پدماوت (اُردو) کا تقابلی مطالعہ فی الفور شروع ہو گیا۔
ایک روز راقم نے ڈاکٹر اوستھی سے عبدالغنی کے بارے میں جاننے کا اشتیاق ظاہر کیا۔ ڈاکٹر اوستھی مسکرائے، اُٹھ کر اپنا کتب خانہ کھولا اور ایک بڑے سائز (۱۰ًx۱۳ ً) کا قدیم رجسٹر لا کر میرے سامنے رکھ دیا۔ ایک سَو پینتالیس (۱۴۵) صفحات کا یہ رجسٹر اُردو کے خطِ شکست سے تحریر تھا۔ رجسٹر کے محرّر فتح پور کے تحصیل دار محمد دلیل اللہ خاں تھے، جیسا کہ رجسٹر کے آخری صفحہ کی مندرجہ ذیل عبارت سے ظاہر ہوتا ہے۔
’’ ولیم میور صاحب بہادر کلکٹر فتح پور نے بحکم سرکارِ عالیہ نمبر ۲۰۲۳ مورخہ ۱۸/ ۹! ۱۸۴۴ء محمد دلیل اللہ خاں سے شہر فتح پور کی تاریخ لکھوائی جو ۲/ نومبر ۱۸۵۰ء کو مکمل ہوئی ‘‘۔
(محمد دلیل اللہ خاں بقلم خود)
مسجد عبدالغنی
مذکورہ رجسٹر کے صفحہ ۱۳۷ پر محمد دلیل اللہ خاں رقم طراز ہیں کہ ’’بحال آبادی کٹ را عبدالغنی و رستو گی گنج ٹکڑا ثالث بروئے عوام کے یوں کر کے ہے کہ عبدالغنی حاکم فتح پور نے عہدِ عالم گیر بادشاہ میں معافیات ارباب معاش فتح پور ضبط کر کے محاصل اس کا خزانۂ شاہی میں جمع کیا۔ جب بادشاہ کو یہ علم ہوا تب عبدالغنی مُوردِ عتاب ہوئے و حکم ہوا کہ واپس کریں، و ارباب معافی نے پھیرنا خزانۂ شاہی سے معیوب سمجھ کر واپس نہ لیا اور ردّ و بدل بسیار، اس محاصل سے دونوں سرائے پختہ و خام رستو گی گنج و کٹرہ عبدالغنی آباد ہوا و مسجد ملف و جامع مسجد متّصل کوتوالی فتح پور بنی۔ مسجد میں یہ تاریخ کندہ ہے ‘‘۔
بدور شاہ عالم گیر غازی
کہ عدلش رانہ حدّو مُنتہا ہست
زانصافش مگر گردوں بیا موخت
کہ بابیگانہ گاں ہم آشنا ہست
معظّم مسجدی عبدالغنی ساخت
کہ فتح پور از و رونق فزا ہست
پئے تاریخِ سالش متّقی ؔ گُفت
دریں مسجد مقامی اَولیا ہست
۱۰۷۵ھ
راقم السطور نے اُسی آن مسجد عبدالغنی (کٹ را عبدالغنی) پہنچ کر دیکھا کہ مندرجہ بالا کتبہ بجنسہٖ درونِ مسجد، درمیانی محراب کے ٹھیک اُوپر نصب تھا۔
مقبرہ عبدالصمد خاں
محمد دلیل اللہ خاں نے زیر بحث رجسٹر کے صفحہ ۱۳۶ پر فتح پور کے محلہ ابو نگر میں فروکش نواب عبدالصمدخاں کے بلند و بالا اور پُر شکوہ مقبرہ کا بھی اجمالاً ذکر کیا ہے۔ اس ضمن میں ڈاکٹر اوستھی کی ذاتی لائبریری سے دستیاب
Fatehpur (A Gagetteer) 1906 (volume XX by H.R. NEVILL (I.C.S., F.R.G.S.,F.S.S.)
میں مرقوم ہے کہ:۔
۔ "There are two inscriptions, one of which records the death of Abdussamad Khan in 1699, and the other that of his son Abu Mohammad in 1704"
محولہ بالا کتبے ہنوز اچھّی حالت میں موجود ہیں۔ کتبوں کے حروف سفید سنگ مرمر کی چکنی وسالم سِلوں میں صفائی کے ساتھ کندہ ہیں۔ عبدالصمد خاں کے قطعۂ تاریخ کا کتبہ مقبرہ کے صدری دروازہ کے اُوپر نصب ہے۔ سادہ اور پُرکار اشعار سے مملو قطعۂ تاریخ حسبِ ذیل ہے۔
’’ عین انسان، جان جاں، عبدالصمد خاں در جہاں
گوے میدان فتوت برد زابنائے زماں
طائر روحش چو دل برداشت زیں دنیائے دوں
برفراز عرش رفت و گشت فردوس آشیاں
خامۂ تقدیر بر لوح ازل کردہ رقم
کشف سال ہجرتش از غم الم بردوستاں ‘‘
۱۱۱۱ ہجری (۱۶۹۹ء)
عبدالصمد خاں کے فرزند ابو محمد کی قبر باپ کے پہلو میں ہے اور مقبرہ کی عقبی دیوار کی سنگی جالی کے اُوپر یہ کتبہ نصب ہے :
’’غفران پنہ ابو محمد ولد عبدالصمد خاں روشانی نوزدہم شعبان سنہ ہجری مطابق سنہ۴۸ جلوسی در عہد خلد مکان اورنگ زیب بادشاہ غازی بعمر بست و سنہ سال ازیں جہاں، گزران۔ گلگشت جنت شتافت و تعمیر مقبرہ در سنہ ۱۱۲۱ ہجری ترتیب یافت‘‘۔
(مندرجہ بالا کتبہ میں ابو محمد کا انتقال ۱۹! شعبان ۱۱۱۶ ہجری (۱۷۰۴ء) بعمر ۲۲ سال نیز مقبرہ کی تعمیر ۱۱۲۱ ہجری (۱۷۰۹ء) میں مکمّل ہونا تحریر ہے۔ )
ڈاکٹر اُوم پرکاش اوستھی کی ادارت میں مہاتما گاندھی کالج کے زیر اہتمام طبع ہوئی میگزین [ [1971-72 مضمون نگار (ایڈوکیٹ و سابق لکچرار) شیو کمار چورسیا نے (جو تواریخ میں ایم۔ اے ہیں ) اپنے مضمون میں عبدالصمد خاں کے مقبرہ میں مُندرجہ ذیل کتبہ کے نصب ہونے کا ذکر کیا ہے۔ بقول چورسیا اُن کے ہمراہ کرشن کمار (Dy. Superintending Archaeologist Lucknow) نے بھی زیر تذکرہ کتبے کا مشاہدہ کیا تھا
یاد داری کہ وقت زادن تو
ہمہ خنداں بدندو تو گریاں
آں چناں ذی کہ بعد مردن تو
ہمہ گریاں بودندو تو خنداں
راقم السطور نے بھی ۱۹۵۲ء تا ۱۹۷۰ء کے عرصہ میں شیخ سعدی شیرازی کا مُندرجہ بالا قطعہ متعدّد بار پڑھا ہے۔ ایک بڑے سے چوکور سفید چکنے پتھر کی سِل پر کندہ یہ قطعہ مقبرہ کے اندر شمال کی طرف کے جھروکے کے ٹھیک اُوپر نصب تھا۔ ۱۹۷۰ء کے بعد کوئی عاقبت نا اندیش فتح پور کے آثار قدیمہ کا ایک انمول پتھر اُکھاڑ ے گیا۔ دیوار میں کتبے سے خالی ہوئی جگہ اِس واردات کی گواہ بنی ہوئی ہے۔
Fatehpur (Gazetteer) 1906 کے مُندرجات کے مطابق نواب عبدالصمد خاں شہنشاہ اورنگ زیب عالمگیر کے عہدِ حکومت میں صوبہ پَیلانی (بُندیل کھنڈ) کے فوج دار تھے۔ صوبہ پَیلانی اور دو آب (فتح پور) میں اُن کو وسیع و عریض علاقے تفویض تھے۔ اُنھوں نے مقام متّور (Muttaur) میں قلعہ اور تالاب بنوائے مگر زیادہ تر وہ فتح پور میں رہائش پذیر رہے۔ فتح پور کا قدیمی محلہ آبو نگر، عبدالصمد خاں کے سب سے بڑے فرزند ابو محمد کے نام سے موسوم ہے۔ مقبرہ، G.T. Road (آبو نگر) کے شمال میں ایک کُشادہ اور ہرے بھرے میدان میں گھنے درختوں کے درمیان ایک خاص بلندی پر ایستادہ ہے۔
فتح پور کے مجسٹریٹ و کلکٹر "F.S. Growse, C.I.E. (1885-87)" نے Supplement to fatehpur Gazetteer- 1985-86 میں نواب عبدالصّمد خاں کے پُر کوہ مقبرے سے متّصل ان کی رہائش گاہ اور تالاب کا حال احوال یوں رقم کیا ہے۔
"The grounds contained a large masonry tank and ornamental pavilion, but these with the house itself were all dismantled only four or five years ago by some credulous persons who hoped to discover a hidden treasure. Nothing of the kind was found and the bricks and other materials were sold to a railway contractor."
نواب عبدالصمد اں کی گراں مایہ املاک کی یہ غارت گری دراصل فتح پور کی تاریخ و تہذیب کا ایک ناقابلِ فراموش المیہ ہے۔ صد حیف کہ اُن کے بعض حریص اور خوش اعتقاد وارثان نے گھر میں گڑے خزانے کی خام خیالی میں اپنے اجداد کی مستحکم تعمیرات کی بنیادیں تک کھدوا ڈالیں۔ میرا اندازہ ہے کہ اس طرح کی شیخ چلیّانہ مثال تاریخ میں مشکل سے ملے گی۔
’’تفو برتواَے چرخِ گراداں تفو‘‘
شیخ سَیدُو شاہ
شاعر متّقی کا فتح پور کو ’’مقامے اولیاء ہست‘‘ لکھنا بالکل درست ہے۔ اوائل پندرہویں صدی سے ہی یہاں صوفیائے کرام اور اولیاء اللہ کی آمد شروع ہو گئی تھی جن میں سے بیشتر کے مقبرے، درگاہیں اور خانقاہیں ہنوز محفوظ ہیں۔ ان میں سالہا سال سے عرس کا اہتمام کیا ا رہا ہے۔ اس باب میں پندرہویں صدی کے ولیِ کامل سید مسعود شاہ سیدُو عرف ’’سیدن شاہ ولی‘‘ کا تذکرہ باعثِ خیر و برکت ہو گا۔ سیدن شاہ ولی کے مصدّقہ سوانحی کوائف، فتح پور کے الطاف حسین خاں شیروانی (مرحوم) ’’ڈائریکٹر ڈاکٹر تارا چند میموریل ریسرچ سنٹر‘‘کے مبسوط تحقیقی مقالہ مطبوعہ انواک (Anuvak) ۱۹۸۵ء میں سولہ عدد قدیم نیز مستند دستاویزات کے حوالوں کے ساتھ شامل ہیں۔ جلیل القدر صوفی سیّد مسعود شاہ سَیدُو (سَیدن شاہ ولی) کا اوائل سولہویں صدی کا مقبرہ، میرے مکان سے قریب محلہ قضیانہ میں واقع ہے۔ کوئی پندرہ برسوں سے یہاں وعظ، نعتیہ مشاعرہ، قوالی اور قُل پر مشتمل سہ روزہ سالانہ عرس کا اہتمام کیا جانے لگا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ لُودھی خاندان کے عہد حکومت میں تیمور لنگ نے دہلی پر حملہ آور ہو کر اسے تاخت و تاراج کر دیا تھا۔ لودھی خاندان کے سلاطین نے جب دہلی کو دوبارہ بسانے اور سجانے سنوارنے کا بیڑا اٹھایا تو ہندوستان کے گوشہ گوشہ سے امیر، فقیر، قلمکار، اہل علم اور اربابِ ہنر کھنچ کھنچ کر دہلی پہنچنے لگے۔ انھیں مہاجرین میں سے ایک سید مسعود (عرف شاہ سیدُو عرف سیدن شاہ ولی) ابن سید ظہیر الدین بھی تھے، جن کا تعلق بنگال سے تھا۔ سید مسعود نے اپنی غیر معمولی لیاقت اور ذہانت کے سبب بہت جلد شہرت اور مقبولیت کے مراحل طے کرتے ہوئے سلطان کے دربار میں رسائی حاصل کر لی جس کے نتیجے میں پندرہویں صدی کے آخری رُبع میں سلطان سکندر لودھی نے انھیں کٹرہ مانک پور اور کوڑہ (ضلع فتح پور ) کی صوبہ داری تفویض کر دی۔ چنانچہ سید مسعود دہلی سے کٹرہ مانک پور منتقل ہو گئے۔ چُست درست بندوبست، عدل گستری اور رعایا پروری کے سبب صوبے کے خواص و عوام میں ہر دل عزیز قرار پائے۔ کچھ عرصہ کے بعد کٹرہ مانک پور میں حضرت شیخ حُسام الدین کے پیرو مرشد حضرت شاہ نور قطب عالم کا سالانہ عرس تھا۔ محفلِ سماع میں حال و قال اور دھمال کا وجد آفریں دَور چل رہا تھا کہ دریں اثناء سید مسعود امیرانہ ٹھاٹ باٹ کے ساتھ اپنے مصاحبین کے جلو میں تفریحاً وارد ہوئے۔ حضرت حسام الدین رسماً ان کے پاس آ کر بیٹھ گئے۔ صوفیوں اور درویشوں کی مستی اور رقص کو سید مسعود، تمسخر اور تماشے کی نظر سے دیکھ ہی رہے تھے کہ حضرت حسام الدین نے اپنی آستین اُن کے چہرے پر مل دی۔ آستین کا مَلنا تھا کہ سید مسعود اپنے جاہ و منصب کے دائرے سے نکل کر ایک اور ہی عالم میں پہنچ گئے۔ ایک ایسی رُوحانی کیفیت اور سرشاری طاری ہو گئی کہ اُنھیں اپنا منصب و مرتبہ، جاہ و جلال، زن، زر، زمین، الغرض دنیا و ما فیھا ہیچ نظر آنے لگا۔ چنانچہ سیّد مسعود نے اُسی آن صوبے داری اور شان و شوکت سے دست بردار ہو کر حضرت شیخ حُسام الدین کی فقیری اختیار کر لی اور مسلسل چھ ماہ تک وہیں پڑے رہے۔ آخر ایک دن حضرت حُسام الدین اپنے مرید کامل سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ ’’جا شاہ سیدو تیرا کام تمام ہوا‘‘ اور اُنھیں گلے سے لگا کر نہال کر دیا۔ اس پر شاہ سیدو نے یہ مصرعہ پڑھا
’’جوئے شراب بر سرِ سجّادہ می رَوَد‘‘
پیر و مرشد نے اُسی وقت مصرعۂ ثانی کہہ کر شعر پورا کر دیا
’’سَیدو کہ مست ماست چہ برجادہ می رَوَد‘‘
بعد ازاں شیخ حسام الدین نے اپنے اس لائق و فائق اور صاحبِ دل خلیفہ کو فتح پور روانہ کر دیا۔ سیّد مسعودشاہ سیدو عرف ’’سَیدن شاہ ولی‘‘ جس وقت فتح پور میں وارد ہوئے، اُن کی بغل میں ایک بوریا اور ہاتھ میں ایک کٹورا(پیالہ) تھا، مگر یہاں آ کر ’’آناں کہ در فقیری شہنشاہی کردہ اند‘‘۔ تصنیف ’’گلزار ابرار‘‘ کے صفحہ ۱۰۶ پر مرقوم ہے کہ ’’اہلِ فتح پور شاہ سَیدو کو ’’سَیدن شاہ ولی‘‘ کے نام سے یاد کرتے ہیں ‘‘۔ آپ صاحب دیوان شاعر تھے۔ آپ کے دیوان کا واحد قلمی نسخہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ مسوّدات میں محفوظ ہے۔ آپ کا وصال ۹۳۳ہجری مطابق ۱۵۲۶ء میں ہوا۔ مفتی محمد غلام سرور لاہوری نے آپ کی تاریخ وفات لکھی ہے
چو شد سردار جنت سید خلد
جناب شاہ سید و پیر جنت
بتاریخِ وصال آں شہ دیں
بگو سیدو معلیٰ میر جنت
۹۳۳ ہجری مطابق ۱۵۲۶ء
صوفیاء و اولیائے کرام کی سرزمین فتح پور میں شیخ سید و شاہ عرف’’سیدن شاہ ولی‘‘ واحد ایسے ولیِ کامل آسودۂ خاک ہیں جن کا سلسلہ حضرت نظام الدین اَولیا تک پہنچتا ہے۔ شجرہ ملاحظہ ہو۔
حضرت نظام الدین اولیاء
شیخ سراج الدین سراج (م۔ ۷۵۹ ہجری) ناگوڑ
شیخ علاؤالدین بن اسعد لا ہوری(م۔ ۸۰۱ہجری ) پنڈوہ
سیّد اشرف جہانگیر سمنانی (کچھوچھا ) شیخ نور قطب عالم (پنڈوہ)
(۸۰۸ ہجری) (۸۱۳ ہجری)
سیّد شمس الدین طاہر شیخ حُسام الدین (مانک پور)
(م۔ ۹۱۲ ہجری)
شیخ سید و شاہ عرف سَیدَن شاہ ولی (فتح پور) شیخ راجے حامد شاہ (مانک پور)
(م۔ ۹۳۳ ہجری) (م۔ ۹۰۱ ہجری)
پی۔ ایچ۔ ڈی کے لیے پہل
اکتوبر ۲۰۰۴ء میں جھارکھنڈ کے معتبر شاعر و نقاد رونقؔ شہری نے ذریعہ ٹیلی فون مجھے مطلع کیا کہ جھریا (دھنباد) کے ان کے لائق و فائق شاگرد نیز قلمکار حسن نظامی جوS.E.T. اور N.E.T. کی اسناد حاصل کر چکے ہیں، جھارکھنڈ کی ونوبا بھاوے یونیورسٹی کے زیر اہتمام راقم السطور کی حیات اور کارناموں پر پی ایچ۔ ڈی (Ph.D.) کرنے کے خواہش مند ہیں۔ تحقیقی مقالے کا خلاصہ (Synopsis) بھی ترتیب پا چکا ہے۔ مذکورہ یونیورسٹی کے شعبۂ اُردو کی صدر ڈاکٹر خورشید جہاں مجوّزہ ریسرچ کی نگراں ہوں گی۔ خود وہ بھی مقالے کی ترتیب میں معاونت کریں گے۔ اِس پہل کو میں نے خوش آمدید کہا۔ تحقیق کے سلسلے سے رونق شہری اور حسن نظامی دسمبر ۲۰۰۴ء میں فتح پور آئے۔ مہمانوں کے اعزاز میں راقم نے ایک با وقار شعر نشست کا اہتمام کیا۔ شرکاء میں شہر کے اُردو اور ہندی کے دانشوروں نے مجوزہ تحقیقی مقالے کے خلاصہ کی معنویت اور انفرادیت سے اتفاق کیا، ساتھ ہی ریسرچ اسکالر کی تحقیقی و تنقیدی صلاحیت سے مطمئن ہوئے۔ نگراں، ڈاکٹر خورشید جہاں نے ایک خط کے ذریعہ راقم کو بھروسا دلایا کہ زیر ترتیب تحقیقی مقالے کو معیّنہ مدّت میں بطریق احسن مکمل کرا لیا جائے گا۔ لیکن ’’موت کا ایک دن معیّن ہے ‘‘۔ ڈاکٹر خورشید جہاں ۲۹/ نومبر ۲۰۰۵ء کو دار فانی سے کوچ کر گئیں۔ ان کے اچانک گزر جانے سے ریسرچ کا کام کچھ عرصہ تک تعطل کا شکار رہا۔ ڈاکٹر خورشید جہاں اُردو کی ممتاز دانشور اور وسیع المطالعہ تنقید کار، نیز مشہور انشائیہ نگار خاتون تھیں۔ مرحومہ کے بعد ان کے شوہر نام دار ڈاکٹر جلیل اشرف، نگراں ریسرچ اسکالر ز مقرر ہوئے اور موصوف کی نگرانی میں حسن نظامی نے ’’غلام مرتضیٰ راہیؔ۔ حیات اور کارنامے ‘‘ کے موضوع پر اپنا تحقیقی مقالہ (Thesis) اواخر۲۰۰۸ء میں داخل یونیورسٹی کیا۔ ملحوظِ خاطر رہے کہ فتح پور کی تاریخِ ادبِ اُردو میں راقم السطور وہ پہلا قلم کار ہے، فتح پور میں رہتے بستے جس کی حیات اور ادبی خدمات کو کسی یونیورسٹی نے تحقیق کا موضوع بنایا ہے۔
ایک بہی خواہ کی دل آزاری
ڈاکٹر مجاہد حسین حسینی، درس و تدریس کے پیشے سے وظیفہ یاب ہونے کے بعد ممبئی سے نقل مکانی کر کے کَوسا۔ مُمبرا (ضلع تھانے ) میں جابسے تھے، لیکن وطن مالوف کُرہ سادات (فتح پور) سے ان کا تعلقِ خاطر بدستور اُستوار رہا۔ جب جب فتح پور آئے، اُن کے اعزاز میں شعری نشستوں اور مذاکروں کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر مجاہد حسینی، دسمبر ۲۰۰۵ء میں آخری بار فتح پور آئے۔ اواخر ۲۰۰۷ء میں مسلم انٹر کالج فتح پور کے فاضل لکچرار ڈاکٹر محمد رفیق (انگریزی ادب میں پی ایچ۔ ڈی۔ ہیں ) کی زبانی مجھے معلوم ہوا کہ ڈاکٹر مجاہد حسین حسینی الٰہ آباد میں اپنے برادر خرد کے یہاں آئے ہوئے ہیں۔ ایک ادبی نشست میں ملاقات کے دوران موصوف نے انھیں تاکید کی ہے کہ الٰہ آباد میں اُن کے قیام پذیر ہونے کا چرچا فتح پور میں ہرگز نہ کریں، کیونکہ اہلِ فتح پور بہ اصرار اُنھیں بلائیں گے اور اب وہ فتح پور جانا نہیں چاہتے۔ جس فتح پور پر مجاہد حسینی مدّتوں جان چھڑکتے رہے، اچانک اسی فتح پور کی صورت سے بیزار کیوں ہو گئے ؟ مجھے تجسّس ہوا۔ کوئی ایک عشرہ کے بعد میں نے کَوسا۔ ممبرا میں ذریعہ فون مجاہد حسین حسینی سے رابطہ اختیار کیا۔ میرے استفسار پر انتہائی غم و غصّے کے ساتھ مخاطب ہوئے، دراصل سہ ماہی ’’کاروانِ ادب‘‘ بھوپال (شمارہ ۱۰۔ ۱۱) میں ان کے مضمون ’’غلام مرتضیٰ راہی۔ فتح پور کا نیا فاتح‘‘ کی اشاعت پر فتح پور کے ہر کس و ناکس نے جس نوعیت کے دلآزار اور سطحی ردِّ عمل کا اظہار کیا، اس سے وہ بے حد نالاں تھے۔ لہٰذا انھوں نے فتح پور کا قصد کرنے اور یہاں کے کسی زندہ فنکار پر لکھنے لکھانے سے باز رہنے کا قطعی فیصلہ کر لیا۔ میں نے برجستہ پوچھ لیا کہ کیا میرے بارے میں بھی مزید کچھ نہ لکھیں گے ؟ دو ٹوک الفاظ میں جواب ملا کہ ’’ضرور لکھوں گا مگر پہلے آپ مر جائیے ‘‘۔ اس سے اندازہ ہوا کہ وہ کتنے دل برداشتہ تھے۔ ڈاکٹر مجاہد حسین حسینی نے محولہ مضمون حقائق اور استدلال کی روشنی میں اپنی صوابدید سے قلم بند کیا تھا۔ اس میں تعلی یا جانب داری کا دخل نہیں تھا، مگر بُغض و حَسد کی آگ تو اندھی ہوتی ہے، اُس نے فتح پور کے ایک سچے بہی خواہ کو بھی نہ دیکھا اور اپنا ہی دامن جلا بیٹھی۔ فی زمانہ زندگی کی دوڑ(Race) میں مسابقت کا جذبہ خال خال نظر آتا ہے۔ اب تو رخنہ اندازی کا چلن عام ہے، تاکہ آگے نکلنے والے کی پیش قدمی رُک جائے۔ اس میدان میں غیر ضروری نبرد آزمائی میں وقت ضائع کرنے کے بجائے میں نے ہمیشہ ’’اعراض‘‘ سے کام لیا ہے۔ مثال کے طور پر ہم کسی سائبان میں موجود ہوں اور یکایک زلزلہ طاری ہو جائے تو ہم فوراً سائبان سے نکل کر کھلی جگہ پر جا کھڑے ہوتے ہیں۔ اس کے علی الرّغم اگر ہم کسی کھلے مقام پر موجود ہوں اور اچانک ژالہ باری ہونے لگے تو ہم میدان چھوڑ کر سائبان میں پہنچنے میں دیر نہیں کرتے۔ چونکہ ہم خوب جانتے ہیں کہ ان آفات یا نامساعد حالات سے مقابلہ نہیں کیاجاسکتا، اس لیے ہم ان کے دائرۂ اثر سے نکل کر اپنی حفاظت کر لیتے ہیں۔ جب جب مجھے لگا کہ میں حاسدوں اور مُنافقوں کے نرغے میں ہوں، تب تب ’’اعراض ‘‘ میرے لیے ’’زرہ بکتر‘‘ ثابت ہوا ہے۔ اللہ نے مجھے ’’حاسد‘‘ نہیں ’’محسود‘‘ بنا کر بھیجا ہے۔
مبسوط گوشے
علی الترتیب۲۰۰۴ء اور ۲۰۰۶ ء میں سہ ماہی ’’رنگ ‘‘ (دھنباد)اور سہ ماہی اسباق (پونا) کے تین چوتھائی صفحات پر مشتمل راقم کی شخصیت اور شاعری پر ضخیم ’’گوشے ‘‘ شائع ہوئے۔ ضخامت اور مشمولات کے اعتبار سے انھیں گوشے کے بجائے خصوصی نمبر کہنا غلط نہ ہو گا۔ اُردو کے بیشتر چھوٹے بڑے رسائل، قلم کاروں سے طے شدہ رقم بنام زر رفاقت لے کر اُن کے گوشے چھاپ رہے ہیں۔ یہ چلن فی الوقت قلمکاروں کی صحت اور رسائل کی زندگی کا ضامن بنا ہوا ہے۔ لیکن یہ چلن، راقم کے گوشوں میں آڑے نہیں آیا۔ سہ ماہی ’’رنگ‘‘ کے مدیر شان بھارتی، خیر سے میرے ہمدم و دم ساز ہیں، انھوں نے سرتا سر اپنی خوشی سے میرا گوشہ شائع کیا۔ یہ ضرور ہے کہ گوشے کی ترویج و اشاعت کے بار احسان کو اُتارنے کی کوشش میں راقم خون لگا کر شہیدوں میں شامل ہو گیا تھا۔ سہ ماہی ’’اسباق‘‘ (پونہ) کے مدیر نذیر فتح پوری نے بھی مجھ سے برادرانہ سلوک کیا۔ گوشے کی اشاعت کے دوران وہ علیل ہو گئے، ایک برس تک اُن کی حالت ناگفتہ بہ رہی۔ ’’گوشے ‘‘ کی مد میں کچھ رقم میں نے انھیں بھیج دی تھی، صحت یاب ہوتے ہی نذیر فتح پوری نے ’’اسباق‘‘ کا جنوری تا دسمبر ۲۰۰۶ء کا شمارہ شائع کیا، جس میں ستر صفحوں کا راقم کا گوشہ مع تصاویر شامل ہے۔ سر ورق پر راقم کی رنگین تصویر بڑے اہتمام سے چھپی ہے، لیکن اُنھوں نے راقم سے مزید کچھ نہیں طلب کیا۔ چنانچہ راقم کے ہر دو مبسوط اور یادگار گوشوں کو من حیث المجموع ’’حسابِ دوستاں در دل‘‘ کے مقولے پر محمول کرنا غلط نہ ہو گا۔
اُردو کا زیاں
علی گڑھ کو خیر باد کہہ دینے کے بعد بھی اس شہر میں میری آمدو رفت کا سلسلہ کبھی منقطع نہیں ہوا۔ یونیورسٹی کے شعبۂ اُردو کے بزرگ اور نوجوان اساتذہ ہمیشہ مجھ سے تپاک سے ملتے رہے ہیں۔ مذاکرات میں میری شاعری کو برملا سراہا ہے، اکثر تحریروں میں بھی اعتراف کیا ہے، وقتاً فوقتاً راقم کے اعزاز میں منعقد ہونے والی شعری نشستوں میں خوشدلی کے ساتھ شریک ہوئے ہیں۔ علی گڑھ کے ہر دل عزیز شاعر منظور ہاشمی کے دولت کدے پر ایسی ہی ایک یادگار شعری نشست پروفیسر شہر یار کی زیر صدارت ۱۹۹۹ء میں انعقاد پذیر ہوئی تھی جس میں شعبہ اُردو کے اساتذہ / شعراء کے علاوہ الٰہ آباد کے ڈاکٹر سعید عارفی بھی موجود تھے۔ منظور ہاشمی نے ہی راقم کے اعزاز میں ۲۰۰۳ء میں اُردو کے ممتاز اور منفرد شاعر ڈاکٹر امین اشرف کی صدارت میں اپنے یہاں ایک شعری نشست کا اہتمام کیا تھا جس میں یونیورسٹی کے شعراء کے ساتھ شہر سے رئیس الدین رئیس اور فیروز آباد سے انو ر شمیم انورؔ شامل ہوئے تھے۔ صد حیف کہ علی گڑھ کے پیکرِ اخلاص اور نغز گو شاعر منظور ہاشمی ۲۹! جنوری ۲۰۰۸ء کو دورہ قلب کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ مرحوم ۱۹۳۳ء میں بدایوں میں پیدا ہوئے تھے۔ آگرہ یونیورسٹی سے انگریزی میں اور علی گڑھ یونیورسٹی سے اُردو میں ایم۔ اے کیا اور ۱۹۹۳ء میں مسلم یونیورسٹی علی گڑھ سے بطور ڈپٹی لائبریرین، وظیفہ یاب ہوئے۔ ملازمت کے دوران تین برس کی Extra ordinary leave پر صلاح الدین پرویزؔ کی کمپنی واقع ریاض (سعودی عرب) میں بحیثیت پروجیکٹ سکریٹری، تعینات رہے۔ منظور ہاشمی کی غزلوں کے مجموعے (۱) بارش(۲) آب اور (۳) سخن آباد، ادبی حلقوں میں خاصے مقبول ہوئے۔
آل انڈیا ماجد میموریل سوسائٹی کے بانی اور رُوحِ رواں احتشام صدیقی، کانپور کے ادبی حلقوں میں بے حد محبوب اور ہر دل عزیز تھے۔ سوسائٹی کی ہر تقریب ایک خاص وقار اور امتیاز و انفراد کی حامل ہوتی تھی۔ جس کے انتظام و انصرام میں احتشام صدیقی ’’دامے درمے، قدمے و سخنے ‘‘ کوئی دقیقہ اُٹھا نہ رکھتے تھے۔ آل انڈیا ماجد میموریل سوسائٹی نے ۲۰۰۲ء میں ملک کے ممتاز شاعر، نقّاد، صحافی، ناول نگار اور صاحبِ طرز انشاء پرداز عشرت ظفرؔ کو اُن کی اُردو زبان و ادب کی مجموعی خدمات کے اعتراف میں ’’جشنِ اعزاز عالیہ‘‘ کا انعقاد کیا، جس میں عشرت ظفرؔ کو بدست صدرِ جلسہ پروفیسر شمس الرحمن فاروقی، ایک لاکھ اکیّاون ہزار کا ’’افتخارِ نوح ایوارڈ‘‘ تفویض ہوا۔ احتشام صدیقی سوسائٹی کے ہر جلسہ میں راقم کو بطور مہمانِ خصوصی، مدعو کرتے تھے۔ ۲۰۰۵ء میں اُردو کے ممتاز بزرگ شہریوں (Senior citizens) کو مختص ایک منفرد نوعیت کی عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا جس میں بزرگ و برگزیدہ شعراء ادباء کو ’’ماجد ادبی ایوارڈ ۲۰۰۵ء‘‘ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ’’بوُستانِ سخن ‘‘ کے نام سے ایک خوبصورت مجلّہ بھی شائع کیا۔ احتشام صدیقی کانپور میں ’’ضلع کھادی گرام اُدیوگ ادھیکاری‘‘ کے منصب پر فائز تھے۔ نہایت خوش اطوار، سادہ لوح، پاکباز، نرم خو اور کم گو شخص و شاعر تھے۔ مارچ ۲۰۰۷ء میں دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جاں بر نہ ہو سکے۔ احتشام صدیقی سے میرا تعارف معتبر شاعر ناظر صدیقی کی معرفت ہوا تھا۔ ناظر صدیقی ’’سنگِ احساس‘‘ آئینہ احساس‘‘ اور ’’دشتِ احساس‘‘ جیسے غزل کے مقبول مجموعوں کے خالق نیز ’’دشتِ جنوں دیوانوں کا ‘‘ (نعتیہ کلام) کے مرتّب ہیں۔ انھوں نے ہی کانپور کے امام و خطیب نیز نعت گوئی میں ید طولیٰ رکھنے والے شاعر مولانا محمد قاسم حبیبی سے مجھے ملوایا۔ راقم کے شعری مجموعہ ’’لاکلام‘‘ پر مولانا قاسم حبیبی کی پُر مغز رائے سے موصوف کے صاحبِ نظر ناقد ہونے کا اندازہ ہوا۔
’’لاشعور‘‘
مارچ ۲۰۰۶ء میں کانپور کے عائشہ صدیقہ گرلز کالج کے سبزہ زار میں ادبی سنگم اور اسلوب آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے راقم کے شعری مجموعہ ’’لاشعور‘‘ اور معروف شاعر ضیاء فاروقی کی منظوم دستاویز’’کانپور نامہ‘‘ کی با وقار تقریب رونمائی زیر صدارت پروفیسر ابوالحسانات حقّی عمل میں آئی۔ ناظر صدیقی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ نامیؔ انصاری، ڈاکٹر انیس اشفاق اور عنبر بہرائچی تقریب کے مہمانانِ خصوصی تھے۔ ادبی سنگم کے بانی ناظر صدیقی اور اُسلوب آرگنائزیشن کے بنیاد گزار فاروق احمد جائسی و ظفر احمد غازی کے مشترک ’’سپاس نامہ کی یہ سطور میرے لیے بہت اہم ہیں :
’’ہندو پاک کا پورا ادبی منظر نامہ آپ کے وجود کے بغیر معتبر نہیں ٹھہرتا‘‘
’’آج کی شاعری کے ادبی اُفق پر دو چار شخصیتیں جو انگلیوں پر گنی جاسکتی ہیں، اُن میں آپ سرِ فہرست ہیں‘‘۔
’’ایک زمانہ وہ تھا کہ ’’لامکاں ‘‘ اور ’’لاریب‘‘ کے بعد ہم لوگ آپ سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، مگر اس جہانِ صد رنگ کا ایک کرشمہ یہ بھی ہے کہ خالقِ کائنات نے آپ کو جوہرِ بے پایاں بنا کر ہمیں دوبارہ عطا کر دیا، اور آج آپ کا شعری سفر ماہ و سال کی گردش سے جھانک رہا ہے ‘‘۔
نامور شاعر و ادیب عنبر بہرائچی نے اپنے مقالے میں بتایا:۔
’’ لاشعور‘‘ کے خالق نے اپنی نگارشات میں تخلیقی توازن کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے یہاں اندرونِ ذات کے مُرقّع اگر ہیں تو مُنیرؔ نیازی کی طرح ایک کھُلی ہوئی آزاد فضا بھی ان کی غزل میں گلگشت کناں ہے۔ یہ امر بھی قابلِ ستائش ہے کہ راہیؔ نے اپنے سفر میں کہیں تکان محسوس نہیں کی، اور وہ غزل کی بسیار گوئی کی عام فضا میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے ہیں ‘‘۔
’’فکری اور محسوساتی سطح پر راہیؔ نے حدیثِ زندگی کے ضمن میں زیادہ اشعار کہے ہیں، اس کوشش میں انھوں نے فنّی امتیازات کا خیال رکھّا ہے۔ اُن کی کامیابی کی روشن دلیل یہ بھی ہے کہ اُن کے زیادہ تر اشعار پیچیدگی کے ساتھ تاثیر اور کیفیّت سے آمیز ہیں۔ یہ وہ منزل ہے جسے عظیم عالِم آنند وردھن نے ’’رَس دھُونِ‘‘ (Ras Dhavni) کا نام دیا تھا یا غالبؔ نے جسے ’’گنجینۂ معنی کا طلسم‘‘ کہا تھا، ۔ ۔ ۔ ۔ ’’لاشعور‘‘ کی غزلوں کے بیشتر اشعار معاصر غزل میں اپنی انفرادیت ثابت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ راہیؔ کی نگارشات کسی بھی تھیوری یا ادبی فتوے سے بالاتر رہ کر خالص تخلیقیت کی ضو فشانی کرنے میں کامیاب ہیں ‘‘۔
پروفیسر انیس اشفاق کی پُر مغز تقریر کا لُبّ لباب یہ تھا کہ جس طرح ایک آہنگ غالبؔ کا ہے، ایک آہنگ اقبال ؔ کا ہے، اُسی طرح ایک آہنگ غلام مرتضیٰ راہیؔ کا بھی ہے اور یہی عصری غزل میں ان کا انفراد و امتیاز ہے۔
حرفِ تپاں
کانپور کے مشہور و مقبول بزرگ شاعر قیوم ناشاد فیض آبادی کے دیوان ’’حرفِ تپاں ‘‘ کی ترتیب کے دوران، اُن کے رُبع صدی کے ہم جلیس اور باطنی رہنما، صوفی منظور عالم شاہ موج ؔشاہی کی فرمائش ہوئی کہ ’’حرفِ تپاں ‘‘ کا پیش لفظ راقم تحریر کرے۔ حالانکہ مَیں باقاعدہ نقّاد نہیں ہوں، مگر شاہ صاحب کے ارشاد کی تعمیل بہر حال ضروری تھی چنانچہ میں نے ہفتہ عشرہ میں مطلوبہ مضمون سپرد قلم کر کے ’’حرفِ تپاں ‘‘ کے کمپوزیٹر نیز معروف شاعر یاورؔ وارثی کے حوالے کر دیا کہ وہ شاہ صاحب سے نظر گزار کرانے کے بعد ہی اس کی کمپوزنگ کریں۔ اگلی ملاقات میں یاورؔ وارثی نے بتایا کہ راقم کے مضمون کو ملاحظہ کرنے کے بعد شاہ صاحب نے اطمینان کا اظہار کیاکہ راہیؔ صاحب سے لکھوانے کا اُن کا فیصلہ بالکل صحیح تھا۔ صوفی منظور عالم شاہ نغز گو شاعر اور اعلیٰ درجے کے مفسّر ہی نہیں، صاحبِ طرز انشاء پرداز بھی ہیں ان کی نثر میں شگفتگی اور شگفتہ نگاری کا فطری امتزاج ہے۔ فتح پور کے صوفی مَنِش ڈاکٹر مرشد جمال نے بھی شاہ صاحب کی شاعری اور مثنویِ مولانا روم کی شرح و بسط کا غائر مطالعہ کیا ہے اور موصوف کے علم و کمال کی قرار واقعی تحسین کی ہے۔ آج وہ خود کو شاہ صاحب کے عقیدت مندوں میں شمار کر کے فخر وانبساط محسوس کرتے ہیں۔
احتساب
برطانیہ کے شہری انور شیخ اُردو کے ایک کثیر الجہت قلم کار تھے۔ نت نئی اصناف سخن کی ایجاد کے لیے بھی مشہور تھے۔ اُن کی ایجاد کردہ اصناف شاعری کی پیروی بھی خوب ہوئی۔ انور شیخ کی حیات اور کارناموں پر اُردو کے نامور قلم کاروں نے ضخیم کتابیں لکھیں یا ان سے لکھوائی گئیں۔ رسائل میں بھی انور شیخ کے گوشے متواتر شائع ہوئے۔ کُتب و رسائل کے ذریعہ شہرت و ناموری کے حصول کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے انور شیخ نے ۲۰۰۳ء میں راقم سے رابطہ اختیار کیا۔ ازاں بعد تھوڑے تھوڑے وقفہ سے موصوف کے ٹیلی فون آنے لگے۔ گفت و شنید میں بے تکلّفی آئی تو انھوں نے مجھے یاد دلایا کہ میں نے اپنے واحد مضمون میں اُن کو بنیادی طور پر غزل کا شاعر بتایا ہے۔ لہٰذا کیوں نہ راقم ان کی غزل پر ایک ضخیم کتاب ترتیب دے، جس میں اُن کی غزل کا عصری غزل سے موازنہ کر کے مقام و مرتبہ متعیّن کیا جائے۔ انور شیخ نے مزید کہا کہ ان کی شدید خواہش ہے کہ یہ کام غزل کا کوئی ممتاز شاعر سرانجام دے۔ موصوف نے لگے ہاتھوں مطلوبہ محنت شاقّہ کے خاطر خواہ صِلے کی پیش کش بھی کر دی۔ دراصل مَیں تنقید کا آدمی نہیں ہوں، جو تھوڑے بہت مضامین، دیباچے، فلیپ وغیرہ میں نے لکھے ہیں، من حیثیت الجمع تأثراتی ہیں۔ لہٰذا صاف گوئی سے کام لیتے ہوئے میں نے انور شیخ کو مشورہ دیا کہ غزل پر دو ڈھائی سو صفحات کی تنقیدی کتاب لکھوانے کے واسطے کیوں نہ وہ غزل کے کسی مستند شاعر و نقّاد مثلاً عشرت ظفرؔ سے رجوع کریں، میں اُن سے بات کر سکتا ہوں۔ عشرت ظفرؔ کے نام پر انھوں نے فوراً صاد کر دیا۔ چنانچہ ’’احتساب‘‘ (انور شیخ کی غزل کا تنقیدی و تقابلی مطالعہ ) کے نام سے عشرت ظفرؔ کی وقیع و ضخیم کتاب موڈرن پبلشنگ ہاؤس، دہلی سے ۲۰۰۴ء میں زیورِ طباعت سے آراستہ ہوئی۔ یہ کتاب، بابا فغانی کے مندرجہ ذیل شعر کے ساتھ راقم السطور کو معنون ہے
یک چراغ است دریں خانہ کہ از پَرتَوِ آں
ہر کُجا می نگرم انجمنے ساختہ اند
حرفِ باریاب
عشرت ظفرؔ کی تصنیف ’’حرفِ باریاب‘‘ (غلام مرتضیٰ راہیؔ کی غزل کا تنقیدی مطالعہ) اوائل ۲۰۰۷ء میں اشاعت پذیر ہوئی۔ کتاب کے آغاز میں عشرت ظفرؔ رقم طراز ہیں کہ ’’غلام مرتضیٰ راہیؔ کی غزل پر ’’حرفِ باریاب‘‘ جیسی کتاب لکھنے کا منصوبہ بہت دنوں سے میرے ذہن میں تھا‘‘۔ اور ’’دیر آید درست آید‘‘ کی مثال جب عشرت ظفرؔ نے اپنے دیرینہ منصوبے کو ’’حرفِ باریاب‘‘ کی شکل میں عملی جامہ پہنایا تو برّ صغیر کے رمز شناسانِ غزل کو رشک ہوا۔ حرفِ باریاب‘‘ کی فضیلت یہ بھی ہے کہ اِس کے نسخے ’’قومی کونسل برائے فروغِ اُردو زبان‘‘ (حکومتِ ہند) نے خاصی تعداد میں خریدے نیز اُتّر پردیش اُردو اکادمی نے عشرت ظفرؔ کو انعام تفویض کیا۔
دریں اثنا اُردو ادب کی نامور شخصیت ڈاکٹر وہاب اشرفی کی مستند تصنیف ’’تاریخ ادبِ اُردو‘‘ (ابتدا سے ۲۰۰۰ء تک) تین عدد ضخیم جلدوں میں شائع ہوئی۔ جلد سوم کے صفحہ ۱۷۲۷ تا ۱۷۲۹ میں راقم کی شخصیت اور فن کا سیر حاصل محاکمہ شامل ہے۔ یہ سطور بے حد اہم ہیں :
’’موصوف تحقیق سے بھی دلچسپی لیتے رہے ہیں اور تنقید سے بھی۔ اس کے علاوہ ترجمہ بھی ان کی روش رہی ہے۔ ان کی اہمیت کا اندازہ اس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ان پر با ضابطہ پی ایچ۔ ڈی کے مقالے لکھے جا رہے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ مَیں نے ان کے ’’لامکاں ‘‘ (۱۹۷۱ء) کے سلسلے سے ایک سرسری بات کہی تھی کہ اسے اس نقطۂ نظر سے پڑھنا چاہیے کہ اس سے ایک عظیم عمارت کی بنیاد پڑ گئی ہے اور یہ سچ ہے کہ ’’لاشعور‘‘ تک آتے آتے انھوں نے اپنی شاعری کو اس طرح صیقل کیا ہے کہ بلا مبالغہ ان کی شاعری عصری شاعروں میں انفرادیت کی حامل ہو گئی ہے ‘‘۔
تاریخ ادبِ اُردو‘‘ (ابتدا سے ۲۰۰۰ء تک ) جیسی معرکۃ الآرا سہ جلدی تصنیف پر ڈاکٹر وہاب اشرفی کو ’’ساہتیہ اکادمی‘‘ کے گراں مایہ انعام و اعزاز سے نوازا جانا ’’حق بحقدار رسید ‘‘ کا مصداق ہے۔
سیمنار / مشاعرے
خسرو۔ کبیر فاؤنڈیشن کے نائب صدر وسیم الحسن ہاشمی شاعر بھی ہیں اور شاعری کے پارکھ بھی، مگر ہیں چھُپے رستم، کیونکہ ’’عرضِ ہنر‘‘سے انھیں سخت پرہیز ہے۔ نہ تو کبھی کسی محفل میں سنے گئے، نہ کبھی کسی رسالے میں پڑھے گئے، جب کہ میرے علم کے مطابق اب تک کوئی دو سو غزلیں کہہ چکے ہیں۔ ادب کی بین الاقوامی صورتِ حال سے وسیم الحسن ہاشمی کی باخبری کی ادنیٰ مثال یہ ہے کہ اپنے ایک مضمون میں انھوں نے انکشاف کیا کہ ’’جب مشہور نقاد وزیر آغا کی ادارت میں ماہنامہ ’’اوراق‘‘ (لاہور) کے ۳۵ سال پورے ہونے پر خاص نمبر(جنوری، فروری ۲۰۰۰ء) شائع ہوا تو اس میں ہندوستان سے صرف ایک شاعر کا کلام شامل کیا گیا اور وہ شاعر ’’غلام مرتضیٰ راہیؔ‘‘ تھے۔ خسرو۔ کبیر فاؤنڈیشن کا ۲۰۰۶ء کا یادگار سیمنار (Seminar) ’’نئی اُردو غزل میں زیبؔ غوری کا مرتبہ‘‘ کے لیے مختص تھا۔ ۔ ۔ ۔ پروفیسر شمس الرحمن فاروقی، پروفیسر شمیم حنفی، پروفیسر عتیق اللہ اور پروفیسر قاضی جمال حسین کی شرکت سے سیمنار کی نوعیت ظاہر ہوتی ہے۔ ۲۰۰۶ء میں ہی ’’غالب انسٹی ٹیوٹ، (دہلی) کے سیمنار اور عالمی مشاعرے میں راقم کو مدعو کیا گیا۔ ۱۹! دسمبر ۲۰۰۶ء کے روزنامہ راشٹریہ سہارا اُردو (دہلی) میں مشاعرے کی رُدداد کے ساتھ صرف اور صرف راقم کی تصویر (کلام پیش کرتے ہوئے ) شائع ہوئی، جب کہ اس عالمی مشاعرہ میں دُنیا جہان کے شعرائے کرام موجود تھے۔ ۱۹! دسمبر۲۰۰۶ء کو ریسرچ ایسو سی ایشن (شعبہ اُردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ) کے زیر اہتمام بین الاقوامی شہرت یافتہ شخصیت پروفیسر منیب الرحمن کو مختص اعزازی پروگرام میں بھی راقم کو یاد کیا گیا۔
فراز حامدی کے گیت اور دُوہے
ڈاکٹر فراز حامدی بلا شبہ اُردو گیت اور اُردو دوہا کے مشہور و مقبول شاعر ہیں۔ انھوں نے اوّل اوّل راقم کو ’’آنسو آنسو برکھا‘‘ (اُردو گیت کی پہلی کتاب۔ ۲۰۰۳ء) کے مسوّدے کو اصلاح و انتخاب کی نظر سے دیکھنے کا اہل سمجھا، اور از راہِ خلوص راقم کا نام بحیثیت انتخاب کار، مذکورہ کتاب میں شامل کیا۔ دریں اثناء وہ اپنے اُردو دُوہے ہائیکو، ماہیئے، ٹنکا اور رینگا بھی میری نظر گزار کرنے لگے۔ ان کے یکجائی دوہوں کو دیکھنے سے مجھے اس نتیجے پر پہنچنے میں دیر نہ لگی کہ وہ اُردو دُوہا کے منفرد اور با کمال شاعر ہیں۔ اس صنف میں ان کے تجربات اور اختراعات کی اہمیت اس پر مستزاد ہے۔ میں نے ہندی ادب پڑھا ہے، دوہا میری پسندیدہ صنف سخن ہے، اس کی تکنیک سے بہرہ مند ہوں۔ اُردو میں دوہا کے ارکان تقطیع کوئی چالیس سال پہلے میں نے وضع کر لیے تھے۔ لاریب (۱۹۷۳ء) میں شامل میری ایک غزل کا یہ مطلع دیکھیں
سرحد سرحد گھوم کے سب تیّاری دیکھ لی
ایک ذرا سی بات پر آپس داری دیکھ لی
مندرجہ بالا مطلع غزل، دوہا کے مروّجہ فارم میں ہے، بجز اس کے کہ دوہے کے مروّجہ آخری رکن ’’فاع‘‘ کو میں نے ’’ فاعلن‘‘ میں بدل دیا ہے۔ یہ میرا ۷۲۔ ۱۹۷۱ء کا تجربہ ہے اور دوہا سے میرے فطری لگاؤ کا مظہر بھی۔
بہر نوع اصلاحِ کلام کے ضمن میں ڈاکٹر فراز حامدی وقتاً فوقتاً راقم کی جگر کاوی اور اُستادانہ کارکردگی کا کھُلے بندوں استحسان اور اعتراف کرتے رہے۔ ایک خط میں رقم طراز ہوئے کہ:۔
’’گیت، ہائیکو اور ماہیئے بہت اچھّے ہو گئے ہیں اور ٹنکا ورینگا بھی سنور گئے ہیں۔ یہ تو اچھّا ہوا کہ آپ مل گئے ورنہ مجھ گمراہ کو خواہ مخواہ عالمی سطح پر رُسوا ہونا پڑتا‘‘۔
جب دوہوں کی اصلاح کے واسطے خواستگار ہوئے تو لکھا کہ:۔
’’اِن دوہوں کی کو اِس قابل کر دیں کہ میری پہچان برقرار رہے۔ آپ کی توجّہ میرے معیار کی علامت ہے ‘‘۔
اسی سلسلے کے ان کے ایک خط کی یہ عبارت بھی ملاحظہ ہو:۔
’’کل کی ڈاک سے کچھ دوہے / دوہا غزل پوسٹ کی ہے، آج حمدیہ و نعتیہ دوہے ارسالِ خدمت ہیں، انھیں بھی سنوارنے کی زحمت کریں ‘‘۔
الغرض فراز ؔ حامدی، موقع بموقع یقین دہانی کراتے رہے کہ ’’اُردو گیت‘‘ کی طرح ان کے ’’اُردو دوہا‘‘ کا انتخاب کار بھی راقم ہی ہو گا، جیسا کہ ان کی مندرجہ ذیل تحریر سے باور آتا ہے۔
’’ میرے دوہوں کی کتاب کے انتخاب کار آپ ہی ہیں۔ انتخاب کار کی حیثیت سے آپ کا نام میرے دل پر لکھا ہوا ہے ‘‘۔
انتخاب کار کا اعزاز بہر صورت میری محنت شاقّہ کا جائز صلہ تھا۔ اس میں یہ اظہارِ فضیلت بھی مضمر تھا کہ غزل کے ساتھ دیگر اصناف شاعری کی فنّی باریکیوں پر بھی راقم کی گہری نظر ہے۔ ’’لاشعور‘‘ (۲۰۰۶ء) میں ’’رباعی‘‘ کے ارکان پر مبنی میری ایک دو غزلوں سے بھی یہی عندیہ ملتا ہے۔ حاصلِ کلام یہ ہے کہ میں نے ’’ستائش کی تمنّا اور صلے کی پروا‘‘ کرتے ہوئے فراز حامدی کے ہر رنگ اور ہر رُوپ کے اُردو دُوہوں کو نہایت دل جمعی کے ساتھ جانچا پرکھا، جہاں تہاں ترقی دی اور ایک عمدہ انتخاب تیّار کیا۔ لیکن جب ۲۰۰۵ء میں فراز حامدی کی کتاب ’’اُردو دوہا‘‘ زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منصۂ شہود پر آئی تو اس کا ’’انتخاب کار‘‘ قرار دینا کُجا، میری عرق ریزی اور جاں کاہی کا ثمرہ، شکریہ کے طور پر بھی کتاب میں ڈھونڈھے نہ ملا۔ لُطف کی بات یہ ہے کہ ڈاکٹر فراز حامدی نے از خود راقم الحروف سے شرفِ تلمّذ حاصل کرنے کی پہل کی تھی۔ ان کی یہ تحریر دیکھئے :۔
’’اُستاد کیفؔ صاحب (کیف ؔبھوپالی) کے انتقال کے بعد مجھ جیسے گمراہ شاعر کے لیے ایک ہوشمند اور ذی علم اور ذی ہوش انسان کی سرپرستی ضروری تھی، اور ہے، اس لیے آپ کی شَرَن(پناہ) میں آیا ہوں ‘‘۔
فراز حامدی نے مندرجہ ذیل خط سے گویا میری ڈھارس بندھانے کی سعی فرمائی:۔
’’میری دوہوں کی کتاب کے انتخاب کا ر آپ ہی ہیں، لیکن آپ کا نام کتاب کے کسی بھی صفحہ پر نہیں ہے۔ جس ادارہ نے (کوکن اُردو رائٹرز گِلڈ) نے کتاب کے لیے سُولہ ہزار دیے ہیں، اس نے انتخاب کار کا نام الگ کرنے کے لیے اس لیے کہا ہے کہ اس سے ادارے کا نام چھُپتا سا نظر آتا ہے ‘‘۔
ملحوظِ خاطر رہے کہ "Kokan Writers Guild"دنیائے اُردو کا جانا مانا ادارہ ہے۔ تعجب ہے کہ راقم کی سنگت میں اِس نامی گرامی ادارے کو اپنی شناخت معرضِ خطر میں پڑتی نظر آئی؟ اس پر مستزاد کہ فرازؔ حامدی نے اس مفروضے پر یقین کر لیا۔
راقم الحروف سے مشورۂ سخن کرنے والے دیگر صاحبِ دیوان شعراء نے اپنی کتابوں اور تحریروں میں کھُلے دل سے راقم کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ شانؔ بھارتی نے بھی راقم کو اپنے زیر طبع شعری مجموعے کا انتخاب کار قرار دے کرمسرّت و افتخار محسوس کیا ہے۔ شاعر و ادیب امام و خطیب الحاج محمد ادریس رضوی، عروض اور صنائع و بدائع بحرِ ذخّار کے کامیاب شناور ہیں۔ موصوف نے از راہِ خلوص ’’کلام راہیؔ میں صنائع و بدائع‘‘ کے نام سے ایک ضخیم اور کار آمد کتاب تخلیق کی ہے۔ تعلیمی اداروں نیز کتب خانوں میں خصوصیت کے ساتھ اس کتاب کی ضرورت محسوس کی جائے گی۔
ڈاکٹر فرمان کی اہم کتاب
ڈاکٹر فرمان فتح پوری کی حالیہ کتاب ’’ایک عظیم و قدیم تہذیبی گہوارہ‘‘ (فتح پور ہسوہ) مطبوعہ ۲۰۰۳ء بلا شبہ دستاویزی حیثیت کی حامل ہے۔ یہ کتاب فتح پور کے بارے میں تحقیق کرنے والوں کے لیے نشانِ راہ ہے ’’کتاب سے پہلے ‘‘ کے زیر عنوان ڈاکٹر فرمان فتح پوری رقم طراز ہیں :
ان پچپن برسوں میں فتح پور کے شعراء، مصنّفین، علماء مصلحین اور مختلف علوم و فنون کے ماہرین کے بارے میں جہاں جو کچھ نظر آیا اسے یکجا کرتا گیا۔ سوچتا تھا کہ ملازمت سے سبک دوشی اور دوسرے دُنیاوی مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد اس لوازمے کو سلیقے سے کتابی صورت میں مرتّب کر کے شائع کروں گا۔ وائے حسرتا کہ وقت گزر گیا، جو کچھ سوچا تھا وہ نہ ہو سکا۔ میں خود عرصۂ زندگی کی ڈھلوان پر آ گیا، ذہن و قلم دونوں قابو سے باہر ہونے لگے، ایسے میں بس یہی سمجھ میں آیا کہ فتح پور اور اہلِ فتح پور کے بارے میں جو کچھ ہاتھ میں ہے اور جیسا بھی ہے اسے مزید تاخیر کے بغیر شائع کر دینا چاہیے۔ آنے والی نسلیں کچھ اور نہیں تو اس کے ذریعہ اپنے اسلاف سے تھوڑا بہت متعارف ہو جائیں گی، اور اللہ کی توفیق شاملِ حال رہی تو آئندہ ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو اس کام کی روشنی میں فتح پور کے بارے میں اس سے بہتر کام کر دکھائیں گے ‘‘۔
ڈاکٹر فرمان فتح پوری کی زیر نظر تصنیف کی مجموعی اہمیت اور افادیت مسلّم ہے، حالانکہ اس میں علی الخصوص مابعد ۱۹۵۰ء کے فتح پور کے ادبی منظر نامے پر نظر ثانی کی اشد ضرورت ہے، مثلاً اس دَور کے متعدد شعراء یکسر نظر انداز ہو گئے ہیں اور اکثر حقائق اور کوائف کچھ کے کچھ یا پھر بیش و کم زیر بحث آئے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ فتح پور کی تاریخ و تمدّن اور شعر و ادب کے بارے میں موصوف کے اساسی نہج کے اس کام کو تلاش و تحقیق کی روشنی میں جانچا پرکھا جائے۔ موصوف کا منشائے تحریر بھی یہی ہے۔
’’کتاب سے پہلے ‘‘ کے باب میں ڈاکٹر فرمان فتح پوری نے ایک بہت اہم خلاصہ کیا ہے کہ ’’فتح پور کے شاعروں اور ادیبوں کی لکھی ہوئی درجنوں کتابوں پر تبصرے کیے، پہلے ’’نگار‘‘ میں شائع ہوئے بعد کو میری مقالاتی کتابوں کا جزو بن گئے ‘‘۔ راقم کی وطن واپسی (۱۹۹۵ء) سے اب تک فتح پور میں اقامت گزیں شاعروں اور ادیبوں کی قریباً ڈیڑھ درجن کتابیں زیورِ طباعت سے آراستہ ہوئیں نیز احترام و عقیدت کے ساتھ ڈاکٹر فرمان فتح پوری کی نذر کی گئیں۔ ان میں چار عدد کتابوں کا تعلق راقم سے ہے۔ میرے علم میں نہیں ہے کہ نذر کردہ کتب میں سے ایک دو کو بھی ’’نگار‘‘ میں تبصرے کا سزاوار ٹھہرایا گیا ہو یا موصوف کی کسی مقالاتی کتاب میں جگہ ملی ہو۔
زیر نظر کتاب میں ’’کچھ صاحبِ کتاب کے بارے میں ‘‘ کے زیرِ عنوان کراچی کے ممتاز افسانہ نگار اُمراؤ طارق کا یہ لکھنا کہ سیّد دلدار علی (قلمی نام فرمان فتح پوری) کی جائے ولادت فتح پور ہے، غلط مفروضہ (Hypothesis) ہے۔ امر واقعہ یہ ہے کہ سیّد دلدار علی ضلع فتح پور کے قصبہ ’’ ہیبت پور‘‘ میں پیدا ہوئے۔ یہ قصبہ فتح پور سے قریباً پینتالیس کلو میٹر کے فاصلے پر بسا ہوا ہے۔ سیّد دلدار علی کی پیدائش کے وقت اُن کے والدین کُجا، اُن کا کوئی اہل خاندان بھی فتح پور میں رہائش پذیر نہیں تھا۔ ڈاکٹر فرمان کے ایک عزیز سیّد لیاقت حسین ۱۹۵۰ء کے بعد بسلسلۂ وکالت فتح پور آئے اور تا حیات سعید احمد مدنی (ایڈوکیٹ) کے مکان واقعہ محلہ خیل دار میں اقامت گزیں رہے۔ کامیاب سیاست داں تھے۔ کچھ عرصہ تک صوبے کی وزارت کا قلمدان بھی سنبھالا۔
سیّد دلدار علی فرمان، اپنے مُولد و وطن قصبہ ’’ہیبت پور‘‘ میں پَلے بڑھے اور ۱۹۴۱ء میں مڈل کا امتحان پاس کرنے کے بعد فتح پور آئے۔ یہاں سیّد اولاد حسین (سکریٹری مسلم ہائی اسکول) کے یہاں قیام پذیر رہے۔ ۱۹۴۶ء میں ہائی اسکول پاس کیا اور سیّد اولاد حسین کے وسیلے سے مسلم ہائی اسکول میں ٹیچر ہو گئے۔ فتح پور کے بزرگ شاعر وحید الدین خاں متینؔ جو ماشاء اللہ عمر کی اٹھّاسی بہاریں دیکھ چکے ہیں، اُس وقت مسلم ہائی اسکول میں سائنس کے ٹیچر تھے۔ حالیہ انٹرویو میں موصوف نے راقم کو بتایا کہ سیّد دلدار علی فرمان سے اُن کی پہلی ملاقات اسکول کے ٹیچرز روم میں ہوئی تھی۔ خود کو متعارف کراتے ہوئے فرمان نے کہا تھا کہ وہ مزاحیہ شاعر ہیں اور ’’بڈھّا‘‘ ان کا تخلّص ہے۔ بقول وحید الدین خاں متینؔ، فتح پور کی شعری محفلوں میں انھوں نے دلدار علی فرمان (المتخلص بہ’’ بڈّھا‘‘ )کو مزاحیہ کلام پڑھتے بارہا سنا ہے۔ فتح پور کے بزرگ شاعر طاہرؔ فتح پوری (عمر۸۲ سال) بھی اس امر کے گواہ ہیں۔ وحید الدین خاں متینؔ نے دو ٹوک الفاظ میں اُمراؤ طارق کے اس دعوے کی تردید بھی کر دی کہ سیّد دلدار علی فرمان کی جائے ولادت ’’فتح پور ‘‘ ہے۔ لہٰذا اظہر امن الشمس ہے کہ سید دلدار علی (فرمان فتح پوری) کا مولد و منشاء فتح پور نہیں ہے اُردو کی روایت یہ رہی ہے کہ بڑے سے بڑے شاعر نے بھی اپنے مولد و مسکن سے نسبت رکھّی اور اُسے قعر گُم نامی سے نکال کر دنیائے ادب سے روشناس کرایا۔ مثال کے طور پر ملیح آباد (ضلع لکھنؤ) کے جوشؔ ملیح آبادی، قصبہ ’’نارا‘‘(ضلع الٰہ آباد) کے نوحؔ ناروی، ہسوہ (ضلع فتح پور) کے مظفر حنفی ہسوی اور موہان (ضلع اناؤ) کے حسرتؔ موہانی وغیرہ۔ حسرتؔ موہانی نے تو فتح پور میں دسویں درجے تک تعلیم حاصل کی اور ان کا ددھیال بھی ضلع فتح پور میں ہے لیکن وہ اپنے مولد کو نہیں بھولے۔ سیّد دلدار علی، کراچی کی ہجرت کے دن تک خود کو سیّد دلدار علی فرمان لکھتے رہے ’’فرمان فتح پوری‘‘ کبھی نہیں لکھا۔ لکھتے بھی کیوں کہ موصوف کا مولد و منشاء ’’فتح پور ‘‘ تھا ہی نہیں۔ موصوف کی زیر نظر کتاب میں شامل ۷/ ستمبر ۱۹۴۷ء کی بزم مشاعرہ (فتح پور) کے دعوت نامہ میں بھی ’’المستدعی: سید دلدار علی فرمان ‘‘ چھپا ہے۔
آخری بار ۱۹۹۲ء میں ڈاکٹر فرمان کی فتح پور میں آمد ہوئی تھی۔ تب راقم کانپور میں تعینات تھا۔ مشہور افسانہ نگار اُمراؤ طارق (مولد موضع شاہ پور، ضلع فتح پور) ۱۹۹۷ء میں آئے تھے۔ البتہ حیرتؔ الٰہ آبادی (مولد : ہیبت پور ضلع فتح پور) وقفہ وقفہ سے کراچی سے فتح پور آتے رہے۔ یہاں اپنے ہم زُلف کے یہاں مہینوں قیام کرتے تھے۔ ان کے آنے سے یہاں کے شعرو سخن کے چمن میں بہار آ جاتی تھی۔ موصوف بزرگ و برگزیدہ اور ہر دل عزیز شخص و شاعر تھے۔ ان کی شاعری پر میرا ایک موجز و مبسوط مضمون ان کے مجموعہ کلام ’’جگنو تتلی رنگ‘‘ میں شامل ہے۔ اس مضمون کو پاکستان کے سب سے مشہور و کثیر الاشاعت اخبار روزنامہ ’’جنگ‘‘ کراچی نے ڈائجسٹ (Digest) کیا تھا۔ حیرتؔ الٰہ آبادی کی رفاقت میں پاکستان کے معروف اہلِ قلم، سہیل غازی پوری (مدیر شاعری) سید معراج جامی (مدیر : سفیر اُردو) اور احمد زین الدین (مدیر: روشنائی) کا بھی فتح پور میں ورود ہوا۔ حیرتؔ الٰہ آبادی حسبِ معمول جب اوائل ۲۰۰۱ء میں ایک بار پھر فتح پور آئے تو از راہِ خلوص ذاتی طور پر راقم کے شعری مجموعے ’’لاکلام‘‘ (دسمبر دو ہزار) کے جشن اجراء کا اہتمام کیا۔ یہ ا یک مہمان کی ’’میزبان نوازی‘‘ تھی۔ حیرتؔ الٰہ آبادی آخری مرتبہ دسمبر ۲۰۰۴ء میں قریباً دو ماہ کے لیے فتح پور آئے تھے۔ اُن کی رحلت سے وہ شعری محفلیں خواب ہو گئیں جو اُن کے دم سے رہ رہ کر برَپا ہوا کرتی تھیں۔
سَوادِ حور
عالمی اُردو کانفرنس (حیدرآباد) میں شریک ہونے کی غرض سے صفوت علی صفوتؔ ۲۰۰۵ء میں ایک بار پھر ہندوستان آئے اور حسبِ معمول لکھنؤ کے تاج ریذیڈنسی کو اپنا مستقر بنایا۔ اس دفعہ وہ اپنے نئے شعری مجموعہ ’’سَوادِ حور‘‘ کا مسوّدہ ساتھ لائے اور بزرگ صحافی نیز ممتاز افسانہ نگار عابد سہیل کی وساطت سے لکھنؤ کے معروف کمپوزیٹر سیّد محمد نورالحسن سے کمپوز کرا کے امریکہ لے گئے۔ اوائل ۲۰۰۷ء میں صفوتؔ نے ’’سوادِ حور کی نشر و اشاعت کی ذمہ داری راقم کو سونپ دی۔ ان کا مشورہ تھا کہ ’’لا شعور‘‘ کی طرح ’’سوادِ حور‘‘ کو بھی میں اپنی نگرانی میں الٰہ آباد سے چھپوا لوں۔ دراصل ’’لا شعور‘‘ کی طباعت الٰہ آباد کے معروف کاتب ریاض احمد کی دیکھ ریکھ میں عمل میں آئی تھی۔ کتاب بلحاظMaterial اورGetup اعلیٰ درجے کی تھی، لیکن اس کی چھپائی (Printing) معیاری نہ تھی۔ لہٰذا میں نے ’’سوادِ حور‘‘ کو ملک کے ایک بھروسے مند اشاعتی ادارہ ’’موڈرن پبلشنگ ہاؤس، دہلی کے پروپرائٹر نیز اپنے دیرینہ شناسا پریم گوپال متّل کے حوالے کر دیا۔ یہ صاحب آنجہانی گوپال متّل کے فرزندِ ارجمند ہیں۔ گوپال متّل اپنے زمانے میں نامور شاعر، صحافی، سیاست داں، انشاء پرداز، مترجم، ناشر، نیشنل اکیڈمی کے بانی اور ماہنامہ’’ تحریک‘‘ کے مدیر اعلیٰ تھے۔ مخمور سعیدی اور پریم گوپال متّل دونوں نیشنل اکیڈمی کی انتظامیہ نیز ماہنامہ’’ تحریک‘‘ کے حلقۂ ادارت میں شامل تھے۔ ان سبھی سے میری رسم و راہ ۱۹۷۰ء میں شروع ہوئی۔
پریم گوپال متّل نے ۱۹۷۸ء میں نیشنل اکیڈمی کو بند کر کے ۱۹۷۹ء میں موڈرن پبلشنگ ہاؤس کی بنا رکھی تھی۔ اعلیٰ کارکردگی کے باعث یہ ادارہ آج بین الاقوامی شہرت کا حامل ہے۔ پریم گوپال متّل فعال ادیب بھی ہیں۔ کئی درجن کتابوں کے مترجم، مدوّن، مرتّب اور انتخاب کار ہیں۔ نیشنل اکیڈمی اور موڈرن پبلشنگ ہاؤس کے زیرِ اہتمام اب تک ایک ہزار سے زائد کتابیں چھپ چکی ہیں جن کے تعلق سے بہترین ناشر/ مرتّب کے متعدد ایوارڈ بھی تفویض ہو چکے ہیں۔ حاصل کلام یہ ہے کہ پریم گوپال متّل کے زیر اہتمام صفوتؔ کا شعری مجموعہ ’’سَوادِ حور‘‘ ۲۰۰۷ء میں زیورِ طباعت سے آراستہ ہوا اور اہلِ نظر نے اسے سال کی بہترین کتاب قرار دیا۔
نومبر ۲۰۰۷ء میں صفوت علی صفوتؔ کی اگلی آمد پر تاج ریذیڈنسی (لکھنؤ) کے ایک کشادہ ہال میں ’’سوادِ حور‘‘ کی تقریب رونمائی بدست ڈاکٹر رفیق احمد خاں (ڈپٹی ڈائریکٹر دُوردَرشن لکھنؤ) عمل میں آئی۔ کتاب کے اجراء، سیمنار اور شعری نشست کی نظامت راقم نے سرانجام دی۔ کلگاؤں، ضلع یوت مَل (M.S.) کے ممتاز ناقد و محقق ڈاکٹر یحٰیی نشیط پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب کے روحِ رواں چودھری علی مبارک عثمانی (مرتّب : حضرت جگرؔ مراد آبادی) لکھنؤ کی محترم ادبی شخصیت ہیں، موصوف کی دعوت پر شہر کے اکابرین و عمائدین شریک ہوئے اور جلسے کو پُر وقار بنایا۔ دُور دَرشن کی طرف سے پروگرام کو ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔
لکھنؤ کے تاج ریذیڈنسی کو ملک کے معدودے چند عالی شان اور پُر شکوہ نیز مہنگے ہوٹلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ تاج ریذیڈنسی، تمام کا تمام ایر کنڈیشنڈ ہے۔ ڈبل بیڈ کے ایک کمرے کا یومیہ کرایہ گیارہ بارہ ہزار ہے۔ جب کہ لکھنؤ کے دوسرے درجے کے ہوٹلوں میں یہ کرایہ اوسطاً دو ڈھائی ہزار ہے لیکن صفوتؔ ٹھہرے مہمان نوازی اور وضعداری کی اعلیٰ اقدار کے پاسدار۔ چنانچہ موصوف نے ڈاکٹر یحیٰی نشیط اور راقم کو تاج ریذیڈنسی میں ہی ٹھہرایا۔ ’’سوادِ حور‘‘ دنیائے اُردو کی ہر جانی مانی بستی میں پہنچی۔ اربابِ ذوق نے اشتیاق و انہماک کے ساتھ اس کتاب کا مطالعہ کیا اور اُردو شاعری کے ایک نئے اور انوکھے ذائقے سے آشنا ہوئے۔
صفوت علی صفوتؔ کی انگریزی کی معرکۃ الآرا کتاب "ISLAM IS THE FUTURE (A new Calendar of Humanity) حال میں شائع ہو کر موضوع کے لحاظ سے مغربی ممالک خاص کر امریکہ میں خصوصی توجّہ کا مرکز بن گئی ہے۔ اس کتاب میں شامل یہ ابواب ملاحظہ ہوں :
II What is new in Mohammad's Teachings
III The Quran and the United States
VII Why Islam is the Future
کچھ الٰہ آباد کی باتیں
الٰہ آباد مجھے اس لیے بھی عزیز ہے کہ شمس الرحمن فاروقی کا شہر ہے۔ یوں تو میں ۶۷۔ ۱۹۶۶ء میں عارضی طور پر الٰہ آباد میں تعینات رہا ہوں لیکن ’’شب خون‘‘ کے اجراء کے دن سے اس شہر سے میرا ادبی تعلق شروع ہوا اور پروان چڑھا۔ جب تک فاروقی R.M.S. الٰہ آباد کے آفیسر انچارج رہے ان کے آفس میں بہر ملاقات میرا جانا آنا رہا۔ علاوہ بریں ’’شب خون‘‘ کے دفتر واقع رانی منڈی میں آمدو رفت کے وسیلے سے فرّخ جعفری، ارشاد حیدر، انتخاب سیّد، نصر قریشی، تنویر سامانی، قمر احسن، رئیس فراز، مرغوب حسن اور ریاض احمد کاتب سے لے کر ۱۹۹۵ء کے بعد سعید عارفی، چودھری ابن النصیر، اسرار گاندھی، خواجہ جاوید اختر، ڈاکٹر علی احمد فاطمی اور امین اختر تک سے میرے تعلق کا ایک طویل سلسلہ ہے۔ ساحل احمد ۷۳۔ ۱۹۷۲ء میں علی گڑھ میں جُدا ہونے کے بعد ۱۹۹۵ء میں Ewing Christian College (Allahabad) کے شعبہ اُردو کے انچارج کی حیثیت سے مجھے ملے۔ انھوں نے A.D.A. Colony میں دو عدد کوارٹر خرید رکھّے تھے۔ ایک کوارٹر پوری طرح کتب و رسائل سے بھرا پُرا رہتا تھا۔ خود ان کی تقریباً پچاس عدد مطبوعات کی ہزاروں جلدوں کا ذخیرہ، اس پر مستزاد انڈ و پاک کے کتب و رسائل کا انبار اور چھت سے لگے ہوئے درجنوں ریکس (Racks)۔ اُن کی اہلیہ کے بقول ساحل احمد دورانِ ملازمت ہر ماہ اپنی تنخواہ کا ایک معتدبہ حصّہ نجی کتابوں کی ترویج و اشاعت نیز پسندیدہ کتب و رسائل کی خریداری پر صرف کرتے رہے۔ ساحل احمد صحیح معنوں میں محب اُردو بلکہ اُردو کے سودائی ہیں۔ ساحل احمد کی اہلیہ دہلی کی ہیں، بتاتی ہیں کہ آخری مغل تاج دار سے ان کا نسبی سلسلہ ہے۔ وظیفہ یاب ہونے کے بعد ساحل احمد نے الٰہ آباد سے نقل مکانی کر کے دہلی میں بوُد و باش اختیار کر لی ہے۔
الٰہ آباد میں ۱۹۹۵ء میں راقم کی آوا جائی دوبارہ بحال ہونے تک ’’شب خون‘‘ کا دفتر رانی منڈی سے اٹھ کر چودھری ابن النصیر کے مکان میں آ گیا تھا۔ سہیل احمد زیدی کے قائم کردہ ’’ادارۂ فن و ادب ‘‘ کی نشست دس سال سے پابندیِ وقت کے ساتھ ہر مہینے کے آخری اتوار کو منعقد ہو رہی تھی۔ الٰہ آباد کے احباب سے یکجائی ملاقات کا سب سے اچھا دن یہی تھا۔ ادارہ کے دستور العمل کے مطابق شاعروں، افسانہ نویسوں اور مضمون نگاروں کو قرعہ اندازی کے ذریعہ دعوتِ کلام دی جاتی، نشست میں تازہ تخلیق پیش کرنے کی شرط عاید تھی اور معمولی سی بھی تاخیر سے پہنچنے والے قلمکار کو عرض ہنر کا موقع نہ ملتا تھا۔ سہیل احمد زیدی نے شروع سے میری غزلوں کو بنظر استحسان دیکھا اور اکثر اس امر کا برملا اظہار کیا۔ ادارۂ فن و ادب کی متعدد نشستیں راقم کے اعزاز میں منعقد ہوئیں۔ اِسی ادارے کے ذریعہ راقم کے شعری مجموعہ ’’لاکلام‘‘ (دسمبر دو ہزار) کی تقریب رونمائی کا اہتمام انیکسی (Annexe) حمیدیہ کالج میں کیا گیا۔ سہیل احمد زیدی جدیدیت کے اساسی شاعر اور الٰہ آباد کی محترم و ہر دل عزیز شخصیت تھے۔ موصوف کے مشہور و مقبول مجموعۂ کلام ’’وادیِ طویٰ‘‘ نیز فرّخ جعفری کے شعری مجموعہ ’’حرفِ آغاز‘‘ کی رسم اجراء بدست پروفیسر شمس الرحمن فاروقی ادا ہوئی تھی۔ تقریبِ رُونمائی میں راقم کے علاوہ دہلی سے احمد محفوظ، علی گڑھ سے سراج اجملی اور کولکتا سے عاصم شہنواز شبلی شریک ہوئے تھے۔ خواجہ جاوید اختر کا مُولد و وطن بھی کولکتا ہے، بسلسلۂ ملازمت الٰہ آباد میں قیام پذیر ہیں۔ اُردو کے نئے شاعروں کے ہجوم میں خواجہ جاوید اختر کی آواز کا چہرہ دوسروں سے ممتاز اور منفرد ہو کر پہچانا جانا لگاہے۔ اُن کی سادہ اور پُرکار غزلیں اچھی اور سچی شاعری کی پہچان کراتی ہیں۔
فتح پور۔ ۔ ۔ کل اور آج
فتح پور، جو کل تک اُردو زبان و ادب کا گہوارہ تھا، جہاں کل تک گھر گھر اُردو کا بول بالا تھا وہاں آج اُردو کا چلن تیزی سے قصّۂ پارینہ بنتا جا رہا ہے۔ نوجوانوں میں شعری و ادبی ذوق کا فقدان ہے۔ آج یہاں کے شاعروں کو اُنگلیوں پر گنا جاسکتا ہے۔ میری مُراد اُن شعراء سے ہے جن کا تعلق کُتب و رسائل سے ہے یا اب تک رہا ہے۔ ایسے کُل آٹھ عدد شاعروں میں بھی نصف، عمر کی اَسّی بہاریں دیکھ چکے ہیں۔ مابقیّہ میں کوئی ستّر تو کوئی پینسٹھ سے مُتجاوز ہے۔ لہٰذا یہ بات بلا خوفِ تردید کہی جاسکتی ہے کہ سرِ دست فتح پور میں ساٹھ برس سے کم کی عمر کے شعراء کا قحط ہے۔ قحط الرّجال سے تو اب کوئی آبادی خالی نہیں رہی لیکن قحط الشعراء جو فتح پور میں پڑا ہے، مُبادا اس کی مثال کسی بستی میں ملے۔ بہر کیف جن لوگوں کو پریشانی ہے کہ اُردو کے شاعر گاؤں گاؤں، شہر شہر حشرات الارض کی طرح پیدا ہو رہے ہیں، اُنھیں فتح پور سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔
راقم نے ذاتی کتُب خانے کا اَثاثہ، شہر کے نوُر الہدیٰ اسکول کی لائبریری کی تحویل میں دے دیا ہے کہ شاید یہاں اُردو زبان کے دن پھرنے تک محفوظ رہے۔ مزید برآں، بیش و کم چالیس برسوں کے دوران موصولہ مشاہیرِ ادب کے خطوط کا سرمایہ جس کو میں نے سَینت رکھّا تھا، ’’انجمن ترقی اُردو (ہند) دہلی‘‘ کے ’’اُردو آرکائیوز‘‘ (Urdu Archives) میں منتقل کر دیا ہے تاکہ دست بردِ زمانہ کا آسانی سے شکار نہ ہو۔
فتح پور کی سڑکیں، جو کل تک کُشادہ تھیں آج گلیاں بنی ہوئی ہیں اور چوڑی چَکلی گلیاں جن سے کل تک بیل گاڑی غلّہ لے کر میرے دروازے تک چلی آتی تھی، آج اس قدر تنگ ہو چکی ہیں کہ رکشے کا گزر بھی مشکل ہے۔ میرے والد نے جو مکان بنوایا تھا کل تک اُس کے اِردگرد عزیزو اقارب اور شرفاء بستے تھے۔ سب ایک ایک کر کے نقل مکانی کرگئے۔ آج میرے والد کا وہ مکان (’’راہی منزل ‘‘ جس کا ایک حصّہ ہے ) قعرِ مذلّت میں پڑے ہوئے ہمسایوں سے پوری طرح گھِر چکا ہے۔ آج مَیں ’’راہی منزل‘‘ میں خود کو اقامت گُزیں نہیں بلکہ محصور پاتا ہوں۔ اس حصار میں مگر میری کئی دُنیائیں آباد ہیں۔ ۔ ۔ کُتب و رسائل کی دُنیا، شعر وسخن کی دُنیا، اہلِ خانہ کی دُنیا اور گھر بیٹھے دُنیا جہان سے روابط کی دُنیا۔
یہ میرے بہتّر سال کی رُددادِ سفر ہے۔ سفر بہر حال ابھی جاری ہے
کس نہ دانِست کہ منزل گہہِ مقصُود کُجا ست
ایں قدر ہست کہ بانگِ جَرَسے می آید
حافظؔ
کوائف
نام و تخلّص : غلام مُرتضیٰ راہیؔ
ولدیت : غُلام مُصطفیٰ خاں غَوری
سنہ و جائے ولادت : ۱۹۳۷ء فتح پور (یوپی)
تعلیم : بی۔ اے
پیشہ : (i) معاون مدیر ؛ روزنامہ سیاست جدید، کانپور
ii) Accounts Officer, U.P.S.R.T.C. (Retired(
شعری مجموعے : (۱) لامکاں (۱۹۷۱ء)
(۲) لایب (۱۹۷۳ء)
(۳) حرفِ مکرّر(۱۹۹۷ء)
(۴) لاکلام (۲۰۰۰ء)
(۵) سدا بہار غزل۔ ہندی (۲۰۰۳ء)
(۶) لاشعور (۲۰۰۶ء)
خود نوشت سوانح عمری : ’’راہیؔ سر گذشت‘‘ (۲۰۰۹ء)
تبدیلی رسمِ خط و ترجمہ : (۱) مثنویِ وقت (۲۰۰۱ء)
(۲) مثنویِ رسولؐ (۲۰۰۳ء) شاعر: صفوت علی صفوتؔ
دیگر امتیازات(تصنیف): (i) ’’حرف باریاب‘‘ (غلام مرتضیٰ راہیؔ کی غزل کا تنقیدی مطالعہ)
(۲۰۰۷ء) مصنّف: عشرت ظفرؔ
‘‘ ‘‘ : (ii) ’’کلامِ راہیؔ اور صنائع و بدائع ‘‘ (۲۰۰۹)
مصنّف: محمد ادریس رضوی (ایم۔ اے )
‘‘ (پی ایچ۔ ڈی) : (i) موضوع : غلام مُرتضیٰ راہیؔ۔ حیات اور کارنامے
(ii) ریسرچ اسکالر : حسنؔ نظامی
(iii) نگراں : ڈاکٹر جلیل اشرف
(iv) زیر اہتمام :ونوبابھاوے یونیورسٹی (جھارکھنڈ)
مبسوط گوشے : ۱۔ سہ ماہی رنگ (دھنباد) (۲۰۰۴ء)
۲۔ سہ ماہی اسباق (پونہ) (۲۰۰۶ء)
۳۔ دربھنگہ ٹائمز(۲۰۰۶ء)
انعام و اعزاز:۱۔ اُتّر پردیش اُردو اکیڈمی کا انعام (۱۹۷۳ء و ۲۰۰۱ء)
:۲۔ اُردو زبان و ادب کی مجموعی خدمات کے اعتراف میں ’’آل انڈیا میرؔ اکادمی لکھنؤ کا امتیازِ میرؔ‘‘ ایوارڈ (۱۹۹۷ء)
:۳۔ بھارتیہ ساہتیہ کار سنسد (بہار) کا اعلیٰ قومی و ادبی انعام و اعزاز (۱۹۹۸ء، ۲۰۰۲ء، ۲۰۰۴ء)
۴۔ اُردو زبان و ادب کے فروغ میں گراں قدر ادبی خدمات کے لیے سال ۲۰۰۵ء کا ’’آل انڈیا ماجد ایوارڈ‘‘
مستقل پتہ : راہی منزل، پنی، فتح پور(یوپی)
ٹیلی فون : (05180)222323
موبائل : 9236590822
٭٭٭
مصنف کی اجازت اور تشکر کے ساتھ جنہوں نے فائل عطا کی
ان پیج سے تبدیلی، پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
راہی کی سَرگذشت
غلام مرتضیٰ راہیؔ
نفسیات
تحریک آزادی کے عروج اور ملک کی تقسیم کے المیہ کا
میں شاہد ہوں۔ انسانی درندگی کی روح فرسا خبروں اور
تصویروں کا کرب آج بھی میری رگِ احساس میں نشتر بن کر چُبھتا
رہتا ہے۔ یہ نشتریت نو دس سال کی عمر سے میری رگ و پے
میں سمائی ہوئی ہے۔ یہ مضراب میرے احساس کے تاروں
کو بیدار رکھتا ہے۔ ہر وقت کسی نہ کسی خیال میں کھوئے رہنے
والے میرے ذہن نے بہت جلد مجھے تنہائی پسند اور
گوشہ گیر بنا دیا۔ گھر میں، اسکول میں، محفل میں، الغرض ہر جلوت میں
مجھے خلوت کا گمان ہونے لگا۔ میں زود رنج نہیں
تھا پھر بھی ہجوم اور ہنگاموں سے ہراساں ہو جانا میری
فطرت کا خاصّہ بنتا گیا۔ مرزا غالبؔ کے مندرجہ ذیل شعر سے
میری خلوت پسندی کو تقویت ملتی ہے
راحت جاوید، ترکِ اختلاطِ مردُم است
چُو خِضَر باید، زِچشمِ خلق، تنہا زیستن
گاؤں میں گھر کے چوپایوں اور پاس پڑوس
کے پالتو کتّا، بلّی، تیتر، بٹیر، طوطا، کبوتر، مور، خرگوش وغیرہ
سے نزدیکی بڑھانا، ان کی حرکات و سکنات کو تجسّس کی نگاہ سے
دیکھنا، ان سے مفاہمت پیدا کرنا ان کی مرغوب غذا مہیّا کرانا،
لہلہاتے کھیتوں کے بیچ اُوس میں نہائی ہوئی سرسبز
مُنڈیروں پر ننگے پاؤں ٹہلنا، دوڑ لگانا، درختوں کی
اونچی اونچی شاخوں سے پھل توڑ لانا، نہر، تالاب اور ندی
میں تیرنا، یہ سب عہدِ طفلی کے میرے پسندیدہ پیرویات
(Hobbies) میں سے ہیں۔ فصلوں کی سنچائی کے
لیے بیلوں کا رہٹ گھمانا، اس کی چکّر دار لڑیوں
میں پروئی ہوئی درجنوں ڈولچیوں (گھری) کا باری باری
کنویں میں اُترنا، پانی بھر کر لانا اور کھیتوں
میں انڈیل دینا۔ اِس عمل کو بار بار دہراتے دیکھنا مجھے
دلچسپ اور پر اسرار معلوم ہوتا تھا۔ بارہویں درجہ میں ہندی
ادب کے نصاب میں شامل ملِک محمد جائسی کی شاہکار تخلیق
’’پدماوت‘‘ کے مندرجہ ذیل دوہے سے، زندگی کے ساتھ رہٹ
کے تعلق کا بھید مجھ پر کھُلا تھا
محمد جیون جل بھرن، رہٹ گھری کی ریت
گھری جو آئی جل بھری، ڈھری جنم گا بیت
قدرتی ماحول میں ا نفس و آفاق کی معنوی درشتگی کے
مشاہدے نے مجھے زندگی کی جدلیاتی حقیقت سے آشنا
کیا اور کوئی شک نہیں کہ تصادم و پیکار سے میری زندگی کو نمو
اور بالیدگی ملی ہے۔ خود اعتمادی، خودسری، عزم و سرکشی، جہد پیہم اور
حالات سے مفاہمت کرنے کے بجائے ستیزہ کاری کا سبق
میں نے نیچر(Nature) سے ہی سیکھا ہے۔ میری انا اور خودی
کے جسم پر نامساعد حالات کی ضرب پڑتی رہتی ہے مگر میں
ٹوٹ پھوٹ کر حلقہ تجسیم میں اپنی تشکیل نو میں مصروف رہتا
ہوں۔ خوب سے خوب تر کی تلاش میں خود تردیدی اور خود تنسیخی کا عمل
میری زندگی اور میری شاعری میں جا بجا ملے گا
تغیّر سے جِلا ملتی رہی ہے
جو مَیں پہلے سے بہتر ہو گیا ہوں
میرا دل نِرا حسّاس اور بالکل جذباتی ہے۔ کسی جانور کو خود حلال
کرنا کُجا ذبح ہوتے دیکھ لوں تو اُس کا گوشت مجھ سے
کھایا نہیں جاتا۔ میری نازک مزاجی اور جمالیاتی حِس کا عالم یہ ہے
کہ چرند ہوں، پرند ہوں یا پھل پھلاری، اگر دیکھنے میں
سُبک اور بھلے نہ ہوں تو جانئے کہ میرے منھ کا
نوالہ نہیں بن سکتے۔ مزید برآں دستر خوان کی کسی ایک ڈش
(Dish) میں مکّھی یا کیڑا نکل آنے سے بقیہ ڈشوں
کی طرف سے بھی میری طبیعت یک لخت مکدّر ہو جاتی ہے، کئی دفعہ اس
نفاست پسندی کی وجہ سے لذّتِ کام و دہن سے محروم ہو چکا ہوں۔
یہ علّتیں بچپن سے ہی میری حرز جاں بنی ہوئی ہیں۔
صغرسنی میں میری کوئی لابی (Lobby) نہیں رہی۔ کھیل کود اور
دوسرے معاملات کو لے کر آپسی تنازعوں میں اکیلا پڑ
جانے سے پٹ پٹا کر گھر آ جایا کرتا تھا، مگر میں اُصول
سے ٹس سے مَس نہیں ہوتا تھا۔ میری ہیکڑی مشہور تھی۔ اِسی
اکڑفوں نے مجھ سے یہ دلچسپ شعر کہلوایا
ہے
اپنی قوّت پہ تجھے اتنا بھروسا ہے اگر
میری مرضی کا کوئی داؤ لگانے دے مجھے
آزادی کی پہلی صبح کو میرے والد اپنی سائیکل پر بیٹھا کر
مجھے گھر سے تقریباً تین کلو میٹر دُور پولیس پریڈ گراؤنڈ
لے گئے تھے۔ وہاں برطانیہ کے پرچم کو اُتار کر
ہندوستان کا ترنگا لہرایا گیا تھا۔ باری باری سے بندوقیں
چھُڑائی گئی تھیں، بہت سے کبوتر اور ڈھیر سارے رنگ
برنگے غبارے اُڑائے گئے تھے اور پولیس بینڈ
نے دیش گان (قومی ترانہ) بجا یا تھا۔ اُس وقت میں طِفل تھا،
لہٰذا یہ سب میرے واسطے بازیچۂ اطفال تھا۔
آٹھویں درجہ سے ہی میں اسکول کے کلچرل
پروگراموں مثلاً بیت بازی، مباحثہ اور ڈراموں میں حصّہ
لینے لگا تھا۔ آٹھویں کلاس کے طالب علم کو شعر فہمی کا
شعور کتنا؟ چنانچہ بیت بازی کے ایک مقابلے کی ریہرسل کے
نگراں اُستاد اسلام الحق کے رُو برو میں نے پوری روانی
سے بہ آواز بلند یہ شعر پڑھ دیا
یا الٰہی خیر کر پرچہ بڑا دشوار ہے
منتظم اُلّو کا پٹھّا، چُوتیا سرکار ہے
اُستاد نے پہلے مجھے ڈانٹ بتائی، پھر مذکورہ شعر
کو رذیل اور ذلیل بتا کر اسے حافظے سے محو کر
دینے کی تلقین کی۔ دسویں درجہ میں ’’دہلی کا ایک یادگار
مشاعرہ‘‘ کے ڈرامہ میں مجھے مرزا غالبؔ کا رول ملا تھا
اور ’’دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے ‘‘ کے منتخب اشعار
مجھے ازبر کرائے گئے تھے۔
تعلیم
راقم ریاضی (Mathematics) میں کلاس کا سب سے پھسڈّی
طالب علم تھا۔ قسمت کی خوبی دیکھئے کہ یہی مضمون میرا مستقل ذریعہ
معاش قرار پایا۔ ریاضی کے علاوہ میں ہر مضمون میں آگے
رہتا تھا۔ بعض مضامین میں مجھے امتیازی نمبر (Distinction
Marks) بھی ملتے تھے۔ لہٰذا پرنسپل گریش چند سریواستوا آٹھویں
درجہ تک مجھے Promotion کا مستحق قرار دیتے رہے۔ نویں
درجہ میں Art side میں آ جانے سے ریاضی (Math)
مجھ سے چھوٹ گئی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ہائی اسکول (Metric) میں
نے امتیازی نمبروں سے پاس کیا۔
گورنمنٹ ہائر سکنڈری اسکول کے پرنسپل گریش چند سریواستوا کوئی
شک نہیں کہ غیر معمولی قابلیت اور بہترین انتظامی صلاحیت
رکھتے تھے۔ اکثر صبح کے اجتماع (Gathering) میں
اپنے سبق آموز سوانحی کوائف کے ذکر و اذکار سے طلباء کا
عزم و حوصلہ بڑھاتے تھے، بتاتے تھے کہ ہائی اسکول
میں انھوں نے انگریزی کی لغات(Oxford Concise English
Dictionary) پوری کی پوری یاد کر لی تھی۔ کبھی کبھی انگریزی
کے اقوال زرّیں دہراتے اور ان پر عمل پیرا ہونے
کے لیے Inspire کرتے۔ اُن کی زبانی سُنا ہوا مندرجہ ذیل قول
میں کبھی نہیں بھولا اور چھوٹے سے
چھوٹے کام کی انجام دہی میں بھی اِس قول کی افادیت کو ملحوظ
خاطر رکھّا۔
"If I cannot do great things, I can do small things greatly"
مسلم انٹر کالج میں بھی میری سرگرمیاں جاری رہیں۔ کالج
کا ۱۹۵۴ء کا سالانہ مشاعرہ علامہ نیازؔ فتح پوری کی صدارت میں
انعقاد پذیر ہوا تھا۔ مشاعرہ کے منتظم اعلیٰ استاذی نواب علی
خاں گوہرؔ لکھنوی تھے اور میں انتظام و انصرام
میں ان کا دستِ راست تھا۔ استاذی کا یہ شعر بے حد پسند کیا
گیا تھا
سختی میں کھُلا کرتے ہیں انسان کے جوہر
ظلمت میں چمکتی ہے ستاروں کی جبیں اور
انٹر میڈیٹ (Intermediate) میں پانچ عدد لازمی مضامین
میں میرا ایک مضمون ’’تواریخ ہند‘‘ بھی تھا، جس کے لکچرار
امیر احمد، آگرہ کے کسی کالج سے وظیفہ یاب ہو کر آئے
تھے۔ جانے مانے تاریخ داں تھے۔ برٹش سرکار کے
صرفہ پر ہندوستان کے تاریخی مقامات / آثار الصنادید کا باریک بینی
سے مشاہدہ کر چکے تھے۔ چنانچہ موصوف بالخصوص مغلوں
کے دور حکومت کی تاریخ کو درسی کتاب (Text- Book) کے
بجائے اپنے مشاہدہ کی مدد سے پڑھاتے تھے۔ دہلی،
آگرہ، فتح پور سیکری، جے پور، اجمیر، چتّوڑ، کالنجر (جہاں شیر
شاہ سوری مارا گیا تھا) کے قلعوں اور عمارتوں کا
آنکھوں دیکھا حال ایسے محاکاتی پیرائے میں بیان
کرتے تھے کہ میرے تخیّل کے کینواس (Canvas) پر
اُن کی تصویریں اُبھر آتی تھیں۔ اس غائبانہ تعارف نیز یگانگت
سے یہ ہوا کہ جب مجھے مذکورہ تاریخی مقامات کی سیر و سیاحت کا
موقع ملا تو سب کے سب مجھے دیکھے سُنے سے
معلوم ہوئے۔ میرے حافظہ میں ان کی معلومات پہلے
سے محفوظ تھیں۔ اکثر پیشہ ور رہنماؤں (Guides)کو اُن کی غلط بیانی
اور لن ترانی پر ٹوک دیا کرتا تھا۔ علی گڑھ میں لمبے قیام
کے عرصہ میں مذکورہ مقامات کی سیر و تفریح کا مجھے بار بار
موقع ملتا رہا۔ بعض دفعہ غیر ملکی خوبرو سیّاحوں کے قرب کی
لذّت سے محظوظ ہونے کی لَلک میں نام نہاد اور نیم خواندہ
گائڈوں پر اپنی مستند تاریخی معلومات اور انگریزی میں کہیں
بہتر اظہاری لیاقت و اعتماد کا رعب جما کر خود ان خوبرویوں کا مُفت
کا گائڈ بن بیٹھتا تھا۔ ایسے ہی کسی عشوہ طراز ناظورۂ ناز
آفریں کے پیراہن سے جھانکتے ہوئے سراپا کو
دیکھ کر میرؔ نے یہ شعر کہا ہو گا
جس جائے سراپا میں نظر جاتی ہے اس کے
آتا ہے مرے جی میں یہیں عمر بسر کر
٭٭٭٭٭٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)