دین و مذہب

رباعیات نصیر

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (1,990 الفاظ)

رباعیاتِ نصیر الدین نصیر

شاہ سید نصیر الدین نصیر گولڑوی

دعائے شاعر

یا رب میرا ذوق خوش قرینہ ہو جائے
دریائے بلاغت کا سفینہ ہو جائے
وہ زورِ بیاں بخش کہ میرا ہر شعر
الفاظ و معانی کا مدینہ ہو جائے
٭

التجائے عبد بحضورِ معبود

گزرے مری عمر ، تجھ سے ڈرتے ڈرتے
توفیق یہ مل جائے کہ مرتے مرتے
جاری ہو مری زباں پہ اللہ اللہ
دم نکلے ترا ہی ذکر کرتے کرتے
٭

عاصی کی صدا

عاصی ہے ، بہ اعمالِ قلیل آیا ہے
مجرم ہے ، مگر بلا وکیل آیا ہے
مایوس نہ پھیر ، بخش دے جرم اُس کے
در پر ترے اک عبدِ ذلیل آیا ہے
٭

التجا بحضورِ حق

وہ پیار وہ چاہ کون دے گا مجھ کو
اس بھیڑ میں راہ کون دے گا مجھ کو
مجھ پر تو نہ بند کر درِ فضل اپنا
مجرم ہوں ، پناہ کون دے گا مجھ کو
٭

ندائے مسافر

ایسے میں حصولِ مدعا مشکل ہے
منزل ہے بعید ، راستا مشکل ہے
مشکل ہے یہ سب نہ چاہنے تک تیرے
تو چاہے تو تیرے لئے کیا مشکل ہے
٭

صدائے فقیر

عالم پہ سدا کا راج رکھنے والے
عزت کا سروں پہ تاج رکھنے والے
بے لاج ہوں ، میری لاج ہے تیرے ہاتھ
رکھ لے مری لاج ، لاج رکھنے والے
٭

عطائے محض

حاجات کی ناؤ کھے رہا ہے پھر بھی
احسان سے کام لے رہا ہے پھر بھی
میں جرم پہ جرم کر رہا ہوں ، لیکن
قربان ترے کہ دے رہا ہے پھر بھی
٭

التجا بحضور باری تعالی

ستار ہے تو نہ کر مجھے بے پردا
میں ہاں ترے بو ہے دا قدیمی بردا
تنہا استادہ ام بہ دشتِ غربت
رب احفظنی ولا تذرنی فردا
٭

اے سب کے خالق و مالک

تجھ پہ عیاں ہے کم نگاہی میری
لے ڈوبے نہ کل یہ روسیاہی میری
رکھ احسنِ تقویم کے ہی زمرے میں
مٹی نہ خراب ہو الٰہی میری
٭

التجا بحضورِ رب تعالی

عزت ہے مری تیرے حوالے مولٰی
ذلت کی حیات سے بچا لے مولٰی
محتاج بنا کے نہ دے بستر کی سزا
چلتے پھرتے مجھے اٹھا لے مولٰی
٭

اے سب کے رازق!

مشکل میں ترا ہی ساتھ کام آیا ہے
مجھ پہ تیرے ہی فضل کا سایا ہے
اب وقت پڑا تو مجھے دے منہ مانگا
تیرا ہی دیا تو عمر بھر کھایا ہے
٭

معطی حقیقی

ہر طرح کے مفلس و تونگر سے ملا
اِس ٹوہ میں ہر کہتر و مہتر سے ملا
معلوم ہوا کہ سب کا داتا تو ہے
جو کچھ بھی جسے ملا تیرے در سے ملا
٭

نتیجہ کرم

جس لمحہ ، جدھر بھی ، جس ٹھکانے پہ رہا
ہر دم ترے ساتھ لَو لگانے پہ رہا
حالات نے کچھ دور بھی رکھا ، لیکن
ذہنا تیرے ہی آستانے پہ رہا
٭

احسانِ معیت

مایوس ہُوا تو دل بڑھایا تُو نے
ہر طرح کے خوف سے بجایا تُو نے
جب چھوڑ گئے اپنے پرائے مجھ کو
قربان ترے ، ساتھ نبھایا تُو نے
٭

امرِ واقعہ

جب گھیر لیا تھا چیرہ دستوں نے مجھے
جب راہِ فرار دی نہ رستوں نے مجھے
محسوس کیا تیری معیت کا سُکوں
جب چھوڑ دیا تھا خود پرستوں نے مجھے
٭

اندیشہ عقبٰی

دل کو کسی منزل ، نہ کسی راہ کا غم
اندیشہ گدا کا ، نہ کسی شاہ کا غم
کس منہ سے تری جناب میں پہنچوں گا
کھاتا ہے بس ایک تیری بارگاہ کا غم
٭

خوشامدی خطیب

منبر پہ یہ نام دے رہا ہے تیرا
جسے کہ پیام دے رہا تیرا
اب واعظِ شہر کو اٹھا لے مولیٰ
بندوں کو مقام دے رہا ہے تیرا
٭

اعترافِ حقیقت

خوشنودی ، نہ غم پہ جی رہا ہوں اب تک
بیشی پہ ، نہ کم پہ جی رہا ہوں اب تک
اے میرے کریم ! تیری عزت کی قسم
اک تیرے کرم پہ جی رہا ہوں اب تک
٭

التجائے عبد

مضمر ہے اسی میں سر بلندی میری
برحق ہے یہ خوئے یک پسندی میری
تو نے ہی مجھے ناز کے تیور بخشے
تجھ ہی سے رہے نیاز مندی میری
٭

آرزوئے فنا

ہستی کی ہوس نہ آرزو رہ جائے
دل میں نہ مُغائرت کی بو رہ جائے
جس طرح سمندر میں فنا ہو قطرہ
اس طرح مٹوں تجھ پہ ، کہ بس تُو رہ جائے
٭

بے ضمیر سائل کا اعتراف

لینے کے لیے جہاں گیا کچھ نہ ملا
دیکھا ، بھالا ، چلا ، پھرا کچھ نہ ملا
پھر بھی ایسے بے ضمیر سائل کو
اک آہ پہ تیرے در سے کیا کچھ نہ ملا
٭

عزمِ گدا

جب تک ترے در پہ تھا ، ٹھکانے سے رہا
چھُوٹا تیرا در ، تو بھیک پانے سے رہا
ٹھُکرا کے جو اٹھا دے ، کہ بٹھا لے در پر
میں اب کسی اور در پہ جانے سے رہا
٭

یارب

ہستی ہے ترے کرم سے یارب! ہستی
معمور تجھی سے ہے بلندی پستی
تیرے ہی نور سے ہے روشن روشن
نگری نگری ہر ایک بستی بستی
٭

بندہ گنہگار کی پکار

حالت ہے تباہ یا علی ادرکنی
بے حد ہیں گناہ یا علی ادرکنی
چل جائے مرے حق میں بھی کلکِ رحمت
نامہ ہے سیاہ یا علی ادرکنی
٭

یا علی الاعلیٰ آمین بحق سید المرسلین

دشمن ہے سماج یا علی الاعلیٰ
مشکل میں ہوں آج یا علی الاعلیٰ
زہرا و محمد و علی کے صدقے
رکھ لے مری لاج یا علی الاعلیٰ
٭

اے میرے خالق و مالک

کیوں بابِ کرم اثر سے خالی جاؤں
کیوں آ کے سخی کے گھر سے خالی جاؤں
جب تو نہیں پھیرتا کسی کو خالی
پھر میں‌کیوں تیرے در سے خالی جاؤں
٭

اصلی داتا سے مانگ

رزاقِ جہاں رب تعالی وہ ہے
جواد و غنی ، بر تر و بالا وہ ہے
کیوں مانگ رہا ہے مانگنے والوں سے
اللہ سے مانگ! دینے والا وہ ہے
٭

ذاتِ قائم بالذات

وہ مالک کُل ہے ، کائنات اُس کی ہے
جو ختم نہ ہو کبھی ، وہ بات اُس کی ہے
اَعراض وجود میں قائم بالغیر
قائم ہے جو بالذات وہ ذات اُس کی ہے
٭

جل جلالہ

وہ ربِ جلیل و کبریا حیثیت
چاہے جسے جو کرے عطا حیثیت
جو کچھ ہے جو بھی وہ اس کے فضل سے ہے
از خود ہے کسی کی ورنہ کیا حیثیت
٭

اصلِ ایمان

طاقت نہ صفات پر بھروسہ رکھئیے
ہر گز نہ حیات پر بھروسہ رکھئیے
اللہ کی ذات ہے فقط عُقدہ کُشا
اللہ کی ذات پر بھروسہ رکھئیے
٭

تقاضائے عبدیت

تو عبد ہے اعلانِ خدائی مت کر
اپنے کو شریکِ کبریائی مت کر
فرعون کی طرح ٹوٹ جائے گی کمر
اللہ سے زور آزمائی مت کر
٭

اُس کا چاہا ہوا برا نہ ہوا

کیوں تُخمِ امیدِ خام یُوں بوتا ہے
حالات کی تلخیوں پہ کیوں روتا ہے
تو چاہ نہ چاہ اس سے نہیں ہوتا کچھ
اللہ جو چاہتا ہے وہ ہوتا ہے
٭

کریمِ مُطلق

باطن نگر و عُذر پذیر آقا ہے
ربِ دوجہاں بھی کیا نصیر ، آقا ہے
ہم زُود گریز دیر آمادہ غلام
وہ زُود نواز و دیر گیر آقا ہے
٭

قرآنی فیصلہ

جو قائلِ دخلِ غیر ہے ، بکتا ہے
مشرک ہے ، جو غیر کی طرف تکتا ہے
دینا چاہے تو کون اُسے روک سکے
دینا روکے تو کون دے سکتا ہے
٭

تمنائے مدینہ

سرمایہ عمر اسی کو مانا جانا
ایماں ، ترے کوچے ہی میں جانا ، جانا
کچھ پاس ہو یا نہ ہو بلا سے ، لیکن
چھوٹے نہ تری گلی کا آنا جانا
٭

کملی والا

وہ جانِ جہاں ، حبیبِ ربُ الاعلی
والشمس بہ صورت و بہ قامت بالا
فخرِ حسنِ و حسین و زہرا و علی
مکی مدنی رسول ، کملی والا
٭

شانِ ازواج مطہرات

مقصود دراصل تو ازواج کی ذات
شامل اسی حکم میں ہیں ابنا و بنات
ہے آیہ تطہیر کی تفسیر یہی
ازواجِ مطہرات ہیں محفوظات
٭

ازواجِ رسول مومنوں کی مائیں ہیں

جو مُنکرِ قرآں ہے ، مسلمان نہیں
مومن تو وہ کیا ہو سکے ، انسان نہیں
ازواجِ نبی کو ماں نہ جس نے مانا
اُس شخص کا کوئی دین ایمان نہیں
٭

مقامِ علی

زین الفقرا فقیرِ بے باک علی
دروازہ علمِ شہِ لولاک علی
ہوتی ہے سمندر کی طرح موج بھی پاک
معصوم محمد ہیں تو ہیں پاک علی
٭

در مدح سیدنا علی المرتضی

اس کوچے میں کب کسے گُذر ملتا ہے
ہر گام پہ اک سیلِ خطر ملتا ہے
جب دانشِ دنیوی کے بجھتے ہیں چراغ
تب جا کے کہیں علی کا در ملتا ہے
٭

آرزوئے خاکِ نجف

اُس محور و مرکزِ سلف سے اٹھوں
قَنبر والی غلام صف سے اٹھوں
موت آئے کہیں ، دفن کہیں ہُوں ، لیکن
کہتی ہے مودت کہ نجف سے اٹھوں
٭

درجاتِ مہرِ علی

لکھ لیجیے لوحِ دل پہ با خطِ جلی
یہ بات ، جو کہہ گئے زمانے کے ولی
مل جاتی ہے انساں کو فلاحِ دارین
گر حُبِ نبی کے ساتھ ہو مہرِ علی
٭

سَلُونِی

ایسا نہ ہو ، محروم کہیں ہو بیٹھو
میرے ہونے سے ہاتھ ہی دھو بیٹھو
جو پوچھنا چاہتے ہو پوچھو مجھ سے
اِس سے پہلے کہ مجھ کو تم کھو بیٹھو*

*سلونی قبل ان تفقدونی (قول علی المرتضی)
مجھ سے پوچھو قبل اس کے کہ میں نہ رہوں
٭

امید سفارش

زہرا کو عطا ہوئی جو شانِ اعلی
سمجھے گا اسے کوئی مقدر والا
امیدِ سفارش اُن سے رکھتا ہے نصیر
زہرا کا کہا مُصطفیٰ نے نہ ٹالا
٭

حسین کا آفاقی اِقدام

پیراہنِ جبر ، چاک کر کے چھوڑا
یوں قصہ ظلم ، پاک کر کے چھوڑا
جب حق نے دکھائے بوترابی تیور
باطل کو سپردِ خاک کر کے چھوڑا
٭

کارنامہ حسینی

اشرار کا سدِ باب کر کے چھوڑا
طاقت کا زُہرہ آب کر کے چھوڑا
بازوئے حسین ! تیری جرات کو سلام
ظالم کو بے نقاب کر کے چھوڑا
٭

لا موجود الا اللہ

یہ علم و فراست و ذکا کچھ بھی نہیں
یہ منصب و دولت و انا کچھ بھی نہیں
سب کچھ یہ تیرا خود کو سمجھنا ہے غلط
تو کچھ بھی نہ ہونے کے سوا کچھ بھی نہیں
٭

مزید

بیکار ہے محو قصہ خوانی ہونا
مغرور مزاح میں‌ ہمہ دانی ہونا
اربابِ نظر کی چپ کو چپ مت سمجھو
یہ چپ ہی تو ہے عینِ معانی ہونا
٭

مزید

انسان جوانی کے سوا کچھ بھی نہیں
امواج روانی کے سوا کچھ بھی نہیں
اشیا میں ضروری ہیں خواصِ اشیا
الفاظ معانی کے سوا کچھ بھی نہیں
٭

نمائشی تواضع

کم لوگ خدا کی ذات سے ڈرتے ہیں
اخلاص کہاں ، نمود پر مرتے ہیں
بے لوث تواضع نہ سمجھیے اس کو
عزت میں اضافے کے لیے کرتے ہیں
٭

تسبیح ریائی

اے شیخ یہ زہدِ خود نما کچھ بھی نہیں
یہ مکر ، یہ شیوہ ریا کچھ بھی نہیں
دانوں کا گھماؤ زیادہ ، کم جنبشِ لب
تسبیح میں‌ چکر کے سوا کچھ بھی نہیں
٭

اسمِ ذات ، اللہ اللہ!

تسکین کا پیغام ہے اللہ اللہ
توحید کا اک جام ہے اللہ اللہ
قفلِ حاجات کی یہ کُنجی ہے نصیر
اللہ بھی کیا نام ہے اللہ اللہ
٭

بحضورِ امامِ کربلاؓ

حجت کو تمام کر گیا ہے شبیرؓ
آفاق میں نام کر گیا ہے شبیرؓ
تا حشر نہیں ‌جواب جس کا ممکن
سر دے کے وہ کام کر گیا ہے شبیرؓ
٭

سیدہ زینبؓ کے حضور

عاصی پہ یہ التفات مشکل تو نہیں
لینا سندِ نجات مشکل تو نہیں
نانا سے کہیں‌ میری شفاعت کے لئے
زینبؓ کے لئے یہ بات مشکل تو نہیں
٭

خطبہ زینبؓ

ہر کان میں رس گھول رہے ہوں جیسے
جبریل زباں کھول رہے ہوں جیسے
دربارِ دمشق میں وہ زینبؓ کا خطاب
منبر پہ علیؓ بول رہے ہوں جیسے
٭

نسبتِ پنجتن

قائم ہو بدن سے جب کفن کی نسبت
چہرے سے عیاں ہو پنج تن کی نسبت
یارب میری تقدیر میں لکھ دے تا حشر
زہرا و حسین اور حسن کی نسبت
٭

آل و اصحاب

یارب مرے دل کو شاد کامی دے دے
شوریدگی رومی و جامی دے دے
رکھ آلِ نبی کے نام لیواؤں میں
اصحابِ رسول کی غلامی دے دے
٭٭٭

تشکر: الف نظامی
رنگِ نظام از سید نصیر الدین نصیر سے منتخب کردہ رباعیات
ماخذ:
http://auraq.urdutech.com/رباعیاتِ-سید-نصیر-الدین-نصیر/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

رباعیات نصیر