اردو شاعری و کلام

رستہ نئے اجالوں کا

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (3,946 الفاظ)

رستہ نئے اجالوں کا

غزلیں

سیما نقوی امروہوی

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

رفاقتوں کی نہ مہرو پیام کی باتیں
لبوں پہ آج ہیں بس انتقام کی باتیں

محافظت پہ جو مامور ہیں فصیلوں کی
وہ کر رہے ہیں کسی قتل عام کی باتیں

جو ذلّتوں کی ہی قبروں میں دفن ہیں کب سے
انھیں جلائیں کبھی احترام کی باتیں

روپہلی روپ پہ لکھتا رہا غزل کوئی
سراہتی رہیں زلفوں کو شام کی باتیں

کوئی بھی سچی کہانی نہیں سناتا اب
کہ بانٹتے ہیں سبھی ابتسام کی باتیں

شب فراق کا رہتا ہے انتظار مجھے
وہ آئے اور ہوں اس تشنہ کام کی باتیں

تمہارے واسطے جب بھی کبھی لکھا میں نے
سبھی نے چھیڑ دیں میرے کلام کی باتیں

یقین ہے مجھ کو کہ تاریخ پھر پلٹ آئی
لو پھر شروع ہوئیں آقا غلام کی باتیں

میں ہجرتوں کی مسافت سے تھک گئی سیما
سو منتظر ہوں کے اب ہوں قیام کی باتیں
٭٭٭

گماں ہے لے گئی باد صبا پیام کہیں
نہ پڑ گیا ہو گلوں سے کسی کو کام کہیں

سنہرے روپ میں چاندی کے تار گھلنے لگے
ہے غازہ عمر کا مصروف انتقام کہیں

اندھیرے جسم کے مجھ کو کہاں ستائیں گے
یہ کر چکے ہیں مری روح میں قیام کہیں

کہیں پہ صبح کا تارہ ہوا تھا زاد سفر
شفق کی اوٹ میں تنہا ملی تھی شام کہیں

بڑا ہجوم مرے چار سو ہے لفظوں کا
میں ڈر رہی ہوں نہ ہو جائے قتل عام کہیں
٭٭٭

جل سے چرا کے قطرۂ نایاب لے گیا
یہ عشق پانیوں سے بھی مہتاب لے گیا

شاید کہ مجھ سے اس کی ضرورت رہی
آنکھوں سے چھین کر جو مرے خواب لے گیا

کھولا جو بادبان تو طوفان زندگی
ساحل سے کھینچ کر سوئے گرداب لے گیا

اف سادگیِ عشق کی غمزہ طرازیاں
دانتوں میں انگلیوں کو کوئی داب لے گیا

تنہائیاں، جنون، تمنا، غرور عشق
سب دے کے مجھ کو اک دل بیتاب لے گیا

جینے کی آس دل میں جگا کر وہ بے خبر
مجھ سے مری ہی زیست کے اسباب لے گیا

خون جگر سے سینچ کے خوشیوں کی کیاریاں
آنگن کو مرے درد کا سیلاب لے گیا

سیما سبھی دیا ہے ترقی کے کھیل نے
بس ہم سے جینے مرنے کے آداب لے گیا
٭٭٭

میری پلکوں پر سجی امید تھی سپنا نہ تھا
ہاں مگر اس میں کوئی تعبیر کا لمحہ نہ تھا

میرے ہاتھوں کی لکیروں میں لکھا تھا جسکا نام
وہ مرا ہو کر بھی جانے کیوں مرے جیسا نہ تھا

کتنا چاہا پھر بھی جلتے تھے قدم اٹھتے نہ تھے
دو ہی قدموں کا سفر تھا آگ کا دریا نہ تھا

کیا ہوا اوقات اپنی اک کفن کی بھی نہیں
ابنِ آدم آج تک تو اس قدر مہنگا نہ تھا

خواہشوں کی قبر میں ہیں دفن سب ارماں مرے
بے کفن بے نام سی اس لاش کا چہرہ نہ تھا

ریت کے جیسا پھسلتا ہی گیا تھا ہاتھ سے
ریگ زار ِ عمر میں وہ وقت ہی میرا نہ تھا

کچھ تعلق بھی نہیں تھا قافلہ سالار سے
میری راہوں کی کوئی منزل کوئی رستہ نہ تھا

اپنی ہی یادوں سے ڈر لگتا تھا سیما اس لئے
سہل تھی دیوانگی یا ضبط کا یارا نہ تھا
٭٭٭

من کے بنجر صحرا میں جب کوئی رستہ کھو جاتا
میری پیاسی آنکھوں میں سپنوں کی ریت چبھو جاتا

اک عورت کی ذمہ داری پوچھ رہے ہو عورت سے
مرد پہ اتنا بوجھ اگر پڑتا تو تھک کر سو جاتا

سانجھ سے لے کر شام گئے تک کشٹ کی جلتی بھٹی میں
محنت کش اک روپ سلو نا تپ کر کندن ہو جاتا

آتے جاتے اوروں سے میں اس کی باتیں سنتی ہوں
کاش کبھی وہ میرے کاندھوں پر بھی دکھ سکھ رو جاتا

عشق کی ماری تکتے تکتے تن من سدھ بدھ کھو بیٹھی
عشق کا رستہ پیا بانوری کاش ترے گھر کو جاتا

جب بھی بکھری رات مہکتی شانوں پر پروائی کے
لہروں لہروں چاند اتر کر بیچ بھنور میں سو جاتا

لاج کی سرخی بند لبوں پر ہے فریادی کوئی تو ہو
جو ان خالی آنکھوں میں وشواس کا کاجل بو جاتا
٭٭٭

پتی پتی گلاب سا آنگن
میرا آنگن بہار کا آنگن

جاؤ کہ دو خزاں سے اب کی بار
دیکھ لے کوئی دوسرا آنگن

عشق کی آگ میں دہکتا سا
ہجر کی رات کاٹتا آنگن

چند ٹوٹے ہوئے کھلونوں سے
میرے بچپن کو کھیلتا آنگن

لے کے باہوں میں رات کی رانی
چین کی نیند سو گیا آنگن

سکھ تو رستہ میں ساتھ چھوڑ گیا
رنج و غم بانٹتا رہا آنگن

بوڑھے برگد کی نرم چھایا میں
عمر رفتہ کو دے صدا آنگن

سینہ و دل چراغ ہو جائیں
آگ ایسی کہیں لگا آنگن

چاند نکلے کبھی، کبھی نہ سہی
ہر سحر ہے اجالتا آنگن

آستنوں کے سانپ مر جائیں
صرف اپنوں سے ہو بھرا آنگن

کیاری کیاری میں خواب بوتی رہی
اور گلزار ہو گیا آنگن

اوڑھ کر ہو گیا فلک دیکو
سایۂ برگ مامتا آنگن

موڑ دینا ہوا کا رخ سیما
ہو جو طوفان میں گھرا آنگن
٭٭٭

فصل مژگاں پہ دمکتی ہوئی شبنم دیکھوں
آج بھی آنکھ میں برسات کا موسم دیکھوں

روز چڑھتی ہوں پہاڑوں پہ ،جو مل جائے شفق
عرش سے فرش کو ملتے ہوئے باہم دیکھوں

زندگی بیت گئی بہ گئی دریا کی طرح
ایک مچھلی کو کنارے پہ لب دم دیکھوں

کنج تنہائی کے مہکے ہوئے سناٹے میں
گنگناتی ہوئی اک یاد کا سرگم دیکھوں

رات جیسا ہے مری آنکھ میں اترا کاجل
آئنہ دن میں بھی دیکھوں تو شب غم دیکھوں

عمر بھر تجھ پہ برستی رہوں قطرہ قطرہ
اور پتھر کو پگھلتے ہوئے پیہم دیکھوں

گلستانوں میں تو بے وجہ بہار آتی ہے
کر کے صحراؤں کی مٹی کو ذرا نم دیکھوں

روز اگتا ہے دہکتا ہوا سورج برہم
روز خنکی میں اسے چاند کی مدھم دیکھوں
٭٭٭

اپنے دل میں گھر کرنے دے آگ کا دریا سر کرنے دے

دستک سے بہتر کرنے دے دیواروں کو در کرنے دے

آنکھوں کو ہی تر کرنے دے دل کی بات مگر کرنے دے

دیکھ اماوس سی انکھیوں میں
روشن ایک سحر کرنے دے

آتے آتے آ جائے گا
پیار جو تو اکثر کرنے دے

بُھول گئی تو عشق نہ ہو گا
یاد سبق فر فر کرنے دے

کم تر ہُوں، بہتر بن جاؤں
بہتر کو۔۔۔۔۔ برتر کرنے دے

میرے انگنا رات ہے ٹھہری
تاروں کی چادر کرنے دے

چندا ساگر میں بہتا ہے
یہ دھرتی امبر کرنے دے

چاہت کی اک بیل چڑھا کر
دیواروں کو گھر کرنے دے

دُور سے آیا ہے تُو پنچھی
ٹھیک ،ترے یہ ، پَر کرنے دے

رات ہے میری سکھی سنگنی
یادیں ساتھ بسر کرنے دے

سیما پتہ پتہ جوڑوں
راتوں رات شجر کرنے دے
٭٭٭

جب سے جنگل بدر ہوا ہے سانپ
آستینوں میں بس گیا ہے سانپ

آنکھ کے بچھو مارتے ہیں ڈنک
اور نس نس میں رینگتا ہے سانپ

سانپ جیسوں سے خوف آتا ہے
مجھ کو تجھ سے کہاں گلہ ہے سانپ

اس کی ناگن ہے اس کے پہلو میں
میرے رستہ میں کیوں کھڑا ہے سانپ

اب جہان بلا کی خیر نہیں
زلف پیچاں میں جا رکا ہے سانپ

روح تک پڑ گئی سیاہ تو کیا
شک کا مجھ کو بھی ڈس گیا ہے سانپ

خوف کے بے حواس سینوں میں
جبر کا پھن اتارتا ہے سانپ

کب سے بیٹھی ہوں سانس کو روکے
خوشبوؤں کو ٹٹولتا ہے سانپ

خوف کے بے حواس سینے میں
جبر کا پھن اتارتا ہے سانپ

آرزو کی ہر ایک سیڑھی پر
کنڈلی مارے ہوئے چھپا ہے سانپ

کینچلی روز بھی بدل ڈالے
سانپ ہر حال میں رہا ہے سانپ
٭٭٭

بچایا دل کو بہت پھر بھی چوٹ کھا بیٹھی
جو زخم آنکھ تک آئے تو مسکرا بیٹھی

مرا تو وعدہ تھا خود سے کہ لب نہ کھولوں گی
یہ کیسے موڑ پہ آ کر اسے بتا بیٹھی !!!!

یہ جانتی ہوں مکانوں سے گھر نہیں بنتے
میں پھر بھی حق در و دیوار پر جتا بیٹھی

کٹھن اندھیرے میں اک آس مل گئی مجھ کو
جو جگنوؤں سی مجھے راستہ دکھا بیٹھی

یہ ہجر تھا جو مرے ساتھ شب کو روتا تھا
بنا کے آنکھ کا کاجل، جسے لگا بیٹھی

بس اک کرن ہی نظر آئی تھی اندھیرے میں
میں اپنا چاند سے رشتہ الگ بنا بیٹھی

میں آئینہ سے ہی کرتی سبھی گلے لیکن
وہ جب بھی سامنے آیا نظر چرا بیٹھی

نڈھال خود کو محبت میں کر لیا اتنا
’’میں دوستوں سے تھکی دشمنوں میں جا بیٹھی‘‘

مجھے بھی وقت نے ہر گام پہ سنبھالا ہے
یونہی تو خود کو میں سیما نہیں بھلا بیٹھی
٭٭٭

اے دلا یہ بھی کار کر دیکھوں
چل ترا اعتبار کر دیکھوں

میری آواز مجھ تلک پہنچے
خود کو اتنا پکار کر دیکھوں

ہاتھ سے چھٹ گیا ہے آج کا پل
کل کو اب گھیر گھار کر دیکھوں

وہ جو ہر بار ہار جاتا ہے
اس سے اک روز ہار کر دیکھوں

کوئی صدیاں گزار دے جیسے
چند پل یوں گزار کر دیکھوں

یوں تو حق ہے سوال کرنے کا
کیوں نہ میں اب کی بار کر دیکھوں

آئینہ مجھ کو جھانک کر دیکھے
میں جو خود کو سنوار کر دیکھوں

آگ سے کھیلنے کے شوق میں چل
تجھ سے آنکھیں بھی چار کر دیکھوں

کتنا بوجھل دعا کا ہے دامن
تھوڑی خوشیاں ادھار کر دیکھوں

لو بڑھا دوں چراغ کی سیما
اور آنکھیں مزار کر دیکھوں
٭٭٭

خودستائی سی خودستائی ہے
آنکھ سپنوں سے جھلملائی ہے

جس کی بے وقعتی کے چرچے ہیں
میں نے وہ زندگی کمائی ہے

گرد سورج کے گھومتی دنیا
رات سے دن نکال لائی ہے

وہ مجھے یاد کر رہا ہو گا
اس بہانے ہی نیند آئی ہے

دل دھڑکتا ہے تو دھڑکنے دو
یہ عمل صرف کیمیائی ہے

موت کتنے سکوں کی آئے گی
زندگی بے دھڑک بتائی ہے

سبز رو اب کہاں تمنائیں
زرد رت جب سے دل پہ چھائی ہے

نفسا نفسی میں کس کو کیا معلوم
کیا بھلا ہے کہاں برائی ہے

سل گئے لب جو تیرے آنے سے
کیا حیا پھر سے بیچ آئی ہے؟

میرے آنگن کی اک کلی سیما
اس خزاں میں بھی مسکرائی ہے
٭٭٭

جھاڑی جو خاک یاد میں لپٹے کھنڈر ملے
اور چند خستہ حال کتابوں میں پر ملے

جب بھی کیا سوال تو لوٹی ہوں نامراد
کہنے کو جو بھی لوگ ملے با اثر ملے

وحشت کدہ کا راستہ سنسان ہے بہت
پتھر اٹھا کے بیٹھی ہوں کب سے کہ سر ملے

منزل کو ڈھونڈنے میں ہی رستے بکھر گئے
کوئی اِدھر ملے ہے تو کوئی اُدھر ملے

بس چاہتی تھی ساتھ رہے بزم دوستاں
یہ کیا کہ دشمنوں سے ہیں دیوار و در ملے

کاجل سی رات آنکھ میں اترے تو غم نہیں
کل جو مجھے بھی چاند کے جیسی سحر ملے

یہ قوم بھی چڑھے گی بلندی کے بام پر
ہر فرد اک مقام پہ آ کر اگر ملے
٭٭٭

مہکا مہکا سا عجب شام کا سناٹا ہے
آج یادوں سے وہ خوشبو کی طرح گزرا ہے

شام کے سائے اترتے ہیں مری زلفوں میں
اور آنکھوں میں تری نیل کنول کھلتا ہے

میں نے سینچا تھا بہت پیار سے جس کو وہ شجر
اب کسی اور کے آنگن میں ثمر دیتا ہے

میں تو اپنی ہی زمیں اپنی ہی مٹی پہ لکھوں
جس نے جو چاند ستاروں پہ لکھا اچھا ہے

ڈالی ڈالی سے لٹکتی ہیں روپہلی بوندیں
برف کا پھول گلستان میں جب کھلتا ہے

جاتے جاتے کوئی آواز تو دے دی ہوتی
چونک اٹھتی ہوں ہر آہٹ پہ کہ تو آیا ہے

رات لاتی ہے وہی درد وہی تنہائی
دن نکلتے ہی مرے ساتھ مرا سایہ ہے

میں نے مانگے ہی نہیں چاند ستارے مری جاں
یہ کوئی اور ہے جو تجھ سے یہ سب کہتا ہے

کوئی چہرہ بھی نظر آتا نہیں ہے سیما
آئنہ خواب کا دھندلایا ہوا رہتا ہے
٭٭٭

وحشت کدے کی سمت بلانے لگے مجھے
کچھ روگ اپنے آپ ہی کھانے لگے مجھے

بس اک ذرا جلایا تھا ادراک کا دیا
سارے چراغ مل کے بجھانے لگے مجھے

میں نے تو بس جبین ہی رکھی تھی فرش پہ
سب کیوں سمجھ کے خاک، اڑانے لگے مجھے

سورج کی سمت کب سے رہی تھی مری اڑان
رستے میں کیوں شجر یہ گرانے لگے مجھے؟

مردہ ضمیر لوگوں کے بے جان شہر میں
قبروں کے جیسے سارے ٹھکانے لگے مجھے

پشتوں سے جن رگوں میں ہے ناموس کا لہو
اونچے سبھوں سے ایسے گھرانے لگے مجھے

وہ بات جس کو پل میں کوئی اور کہ گیا
وہ بات کہتے کہتے زمانے لگے مجھے

خود پتھروں سے پھوڑ کے بیٹھی ہوں اپنا سر
ورنہ ہر ایک شخص ستانے لگے مجھے

سیما بس ایک ہجر کا تازہ رہا تھا زخم
باقی تمام زخم پرانے لگے مجھے
٭٭٭

آنکھ جو یہ لہو لہو ہوئی ہے
نیت شوق بے وضو ہوئی ہے

بارہا سچ سے جھوٹ بولا ہے
بارہا خود سے گفتگو ہوئی ہے

جھک رہا ہے زمین پر جو فلک
جانے کیا اس کو جستجو ہوئی ہے

کونپلیں پھر سے سر اٹھانے لگیں
یہ بغاوت ہے یا نمو ہوئی ہے

اک ادھڑتے سے خواب کی سیون
جاگتے جاگتے رفو ہوئی ہے

بیڑیاں کھول کر بھی کیا حاصل
جب اسیری بدن کی خو ہوئی ہے

کوئی منظر دکھائی دے بھی کہاں
جب کہ پتلی سمٹ کے "تو" ہوئی ہے

اجلے اجلے پہاڑ بہنے لگے
موسموں کی جو ہاؤ ہو ہوئی ہے

تھوک دو زر کے خاکدانوں میں
مفلسی کیونکہ فالتو ہوئی ہے

وہ جسے اک دیا ہی کافی تھا
آج سورج کے روبرو ہوئی ہے

چاند تارے بجھا دو سب سیما
شب کو رونے کی آرزو ہوئی ہے
٭٭٭

تاریکیوں کا داغ مٹایا چراغ سے
آنچل ردائے شب کا سجایا چراغ سے

کیا جانئے کہ کیا نظر آیا تھا اس گھڑی
جب ہم نے اپنا ہاتھ جلایا چراغ سے

دن کو گلہ ہے رات جو جلدی چلی گئی
وہ چاہ کے بھی مل نہیں پایا چراغ سے

شکلیں بدل رہا ہے جو تصویر کی طرح
ہاتھوں کا ناچتا ہے یہ سایہ چراغ سے

پانی بھی ان کا چکھا نہیں ہم نے آج تک
وہ جو کماتے رہتے ہیں مایا چراغ سے

ملتی ہے کیا خوشی جو کسی کے لئے جلیں
یہ راز ہم نے جل کے ہی پایا چراغ سے

آئینہ دیکھنے کو ہے اب انتظار شب
اب بھی حسین دکھتی ہے چھایا چراغ سے

چوما تھا لو نے ہاتھ کو، جب تک نہیں ملا
وہ عشق جو جنون تک آیا چراغ سے

تاریک راستوں میں کسی خضر کی طرح
بھٹکے ہوؤں نے فیض اٹھایا چراغ سے

بس اک دئیے سے کر دئیے روشن سبھی دئیے
اک روشنی کا شہر بسایا چراغ سے

نفرت کی لو جلائیں گے, جل جائیں گے حضور
ہاں پیار کی پلٹتی ہے کایا چراغ سے

آنکھوں میں میری ہو گئے روشن کئی چراغ
جب بھی کوئی سوال اٹھایا چراغ سے

پروانہ لاکھ جان سے قربان ہو گیا
کیسا جنوں نے عشق نبھایا چراغ سے

سیما یقیں ہے آج بھی جلتا ہے وہ کہیں
جس نے مری نظر کو ملایا چراغ سے
٭٭٭

تصویر بناتی ہوں نئے ایک جہاں کی دیکھے ہی نہیں خواب تو تعبیر کہاں کی

کچھ آنکھ میں کاجل بھی ذرا پھیل گیا تھا
کچھ زلف نے کھل کر بھی یہ شب اور گراں کی

کیوں کرتے ہیں شکوہ در و دیوار یہ میرے
میں نے تو نہیں آج تلک آہ و فغاں کی

قرآن کی تحریر سمجھ کر تو ذرا دیکھ آواز سنے گا تو محبت کی اذاں کی

دیکھو جہاں پت جھڑ کا شجر سوکھ رہا ہے
اس کو بھی خبر ہو گی مریے نام و نشاں کی

مشکل میں عجب جان پھنسی، کیسی یہ ضد ہے
میں جو بھی کہوں وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہاں کی

شاید یہ کسی آنکھ کے اشکوں کا ہے پرتو
آنکھوں میں ستارے ہیں کسی دشمن جاں کی

لکنت بھی ہے، الفاظ بھی ملتے نہیں سیما
مجھ کو بھی روانی ہو عطا کچھ تو زباں کی
٭٭٭

وہ اپنے ترکشوں میں تیر رکھیں یا تبر صاحب
ہمارے صبر میں آتے نہیں زیر و زبر صاحب

بہت آتے ہیں تم جیسے کہاں تک دھیان دیں ان پر
ہنسی آتی ہے تم پر اے حسود ِ بے اثر صاحب

نہ کوئی جان نے پہچان پھر کاہے کا جتلانا
ہو کیوں ناکام عاشق سے مچلتے اس قدر صاحب

سمجھ جائیں جو چھپ کر پیٹھ پیچھے وار کرتے ہیں
کہ ہم خاموش ہیں لیکن نہیں ہیں بے خبر صاحب

ہمیں جینے دو اپنی زندگی اور تم جیو اپنی
تم اپنی سمت جاؤ ہم چلے اپنی ڈگر صاحب

زمانہ جس قدر بھی ہو بُرا اچھائی زندہ ہے
یہی سچ ہے رہو گے تم یونہی نا معتبر صاحب

نظر آتے ہیں چاروں اور ہم کو بوالہوس سیما
کوئی ایسا نہیں اِن میں کرے جو دل میں گھر صاحب
٭٭٭

اکیلے ہجر کا موسم سہوں گی جیوں گی، مسکراؤں گی ہنسوں گی

میں آوازیں تو خود کو دے رہی ہوں نہیں معلوم کیسے مل سکوں گی

سبھی نالاں ہیں آنکھیں چیختی ہیں سو اب یہ بد کلامی چھوڑ دوں گی

بھلا سپنے مَیں کیوں اڑنے کے دیکھوں میں قدموں کو زمیں پر ہی دھروں گی

مجھے راہیں دکھانے والے سن لیں میں اپنے راستے خود ہی چنوں گی

مرے قدموں کے نیچے آسماں ہے مگر میں آسماں کا کیا کروں گی

تم اپنے پاس رکھو خوش گمانی
محبت، اور تم سے دان لوں گی؟

نہیں مانوں گی اپنے دل کی باتیں سو خود سے رات دن جھگڑا کروں گی

مجھے ہے موت پر سیما بھروسہ مگر جب تک ہوا زندہ رہوں گی ٭٭٭

شام سے کھویا کھویا کاجل رات میں جاگا جاگا کاجل

سوکھے پھول کتابوں میں تھے اور آنکھوں میں گیلا کاجل

صرف کریدی تھیں کچھ یادیں رات آنکھوں میں تڑپا کاجل

درد نہ رویا، چوٹ نہ دیکھی اَشک نہ ٹپکا پھیلا کاجل

طوفان دریا سے اٹھتے ہیں
تجھ سے کیا ہے رشتہ کاجل ؟

سانجھ سنہرا، دھوپ سا چہرا شام سلونا، گہرا کاجل

پیار بنا سنگھار ادھورا کوری انکھیاں کورا کاجل

عشق میں تن من بھول گئی ہوں بے خود نیناں مدھرا کاجل

بادل سیما ٹوٹ کے برسا پلکوں پر جب بکھرا کاجل ٭٭٭

ہر ایک چیز ہے!لیکن چھپی غبار میں ہے
دِیا جلاؤ تو لگتا ہے ، گھر مزار میں ہے

سبھی نظام تو بنتے ہیں ٹوٹ جانے کو
تو کائنات بدستور کیوں مدار میں ہے؟

چلو کہانیاں لکھیں کجا کہ سچ بولیں
یہ اب سے طے ہے کہ اب بہتری فرار میں ہے

کبھی کا چھوڑ کے تتلی چلی گئی ہوتی
پر اس کے باغ کی رونق تو اس کی ہار میں ہے

یقین ہے کہ یہ لذت ہے چاہ کی تیری رواں رواں جو مرا درد کے حصار میں ہے

چراغ روز جلاتی ہوں اپنی چوکھٹ پر
بس اس قدر ہی تو لگتا ہے اختیار میں ہے

میں روکے بیٹھی ہوں کب سے یہ اشک پلکوں پہ
یہ جانتی ہوں کہ طوفان اک قطار میں ہے

چھلکتا جاتا ہے سیما یہ جام سانسوں کا
پہ دل تو روز دھڑکنے کے ہی خمار میں ہے
٭٭٭

بنا رہے تھے جو رستہ نئے اجالوں کا
کچل کے رکھ دیا سر شب نے ان جیالوں کا

سبھی شجر ہیں یہاں آسمان اوڑھے ہوئے
ہوا چلے گی تو کیا ہوگا باغ والوں کا

گلے لگائیں نگاہیں ملا نہیں پائیں اسی کو جان لو میزان دل کے کالوں کا

وہ مجھ کو ڈھونڈھ ہی لیں گے بڑی سہولت سے
ہے ہر قدم پہ نشاں شبنمی سے چھالوں کا

سحر کے ساتھ حقیقت بھی ہو گئی تھی عیاں
بچا تھا خواب بس اک سرمئی سے گالوں کا

اک آئنہ ہے جو چپ چاپ دیکھتا ہے مجھے
سمے بھی چھوٹ گیا ہاتھ سے سوالوں کا

میں ہنسنے والوں میں شامل تھی جب ہمیشہ سے
کہاں سے ذکر نکل آیا میرے نالوں کا

سکھا دیا ہے مجھے ہارنا بھی، جینا بھی
سکھانے والوں بھلا ہو تمہاری چالوں کا

ہم اپنے آپ سے لڑ کے بھی ہار جائیں گے
یہ خود سے دعوی ہے ہم جیسے با کمالوں کا

وہ جن کو آن پہ مرنا تھا مٹ چکے کب کے
بچا نہیں ہے یہاں کچھ بھی خوردہ سالوں کا

یہ عشق ڈھونڈ ہی لیتا ہے لاکھ پردوں میں
اٹھا کے پھینک دو اب در سے ڈھیر تالوں کا

تمام عمر گزاری تھی بے خبر سیما برا ہو آخری صفحوں کے کچھ حوالوں کا ٭٭٭

آنسو مچل رہے ہیں کہ سیلاب چاہئے
آنکھوں کو ضد ہے آئنہ بے آب چاہئے

پاؤں تو ہیں زمین پہ نظروں کا کیا کروں
رہنے کو آسمان پہ مہتاب چاہئے

دستک تو خواہشوں کی سنوں ہر گھڑی مگر
روزن ہی بند رکھوں، بہت تاب چاہئے

ہیروں کو خیرہ کر دے گہر شرمسار ہو
خود سے نظر ملانے کو وہ آب چاہئے

منزل ہماری اگلے قدم موت ہی سہی
بڑھنے کو ہر قدم پہ نیا باب چاہئے

آنکھوں میں انتظار کے دیپک جلا لئے
اب راہ دیکھنے کو کوئی خواب چاہئے

بچپن پلٹ بھی آئے تو کافی نہیں مجھے
آنگن میں دھوپ آج بھی شاداب چاہئے

ساحل جہاں سے کچھ تو قریب آتا ہو نظر
کشتی عشق کو وہی گرداب چاہئے
٭٭٭

میں تو سورج نہیں کیوں میرے چلے جانے سے
رات بھر جلتے ہیں تارے کہیں پروانے سے

جتنے الزام لگانے ہیں لگا لو صاحب
کوئی مجرم نہیں ہو جاتا ہے ٹھہرانے سے

کیسی بستی ہے اک آواز پہ نقارے کی
جوق در جوق نکل آئے ہیں ویرانے سے

دھوپ میں تپتے رہیں اور چمن مہکا دیں
پھول کھلتے ہیں تو ڈرتے نہیں مرجھانے سے

بجھتے بجھتے نیا اک شعلہ بھڑک اٹھتا ہے
پیاس بڑھنے سی لگی پیاس کو بہلانے سے

ایک سایہ جو سدا ساتھ مرے رہتا تھا
کھو گیا وہ بھی کسی سائے کے ٹکرانے سے

آئنہ توڑ دیا پھر بھی ہر اک کرچی میں
مسخ چہرے ہی نظر آتے ہیں انجانے سے

چند خوشیوں کے جو پل کب سے بچا رکھے تھے
دیکھتے دیکھتے وہ بھی لگے کترانے سے

سی لئے لب کہ ہمیں پاس ادب ہے سیما
ورنہ خود کا بھی بھرم جاتا ہے چلانے سے
٭٭٭

آنکھ کھلتی نہیں,اندھیرا ہے
روشنی اٹھ! کہ اب سویرا ہے

جسم گلنے لگے ہیں روح کے بن
کس کثافت نے آن گھیرا ہے

مجھ سے کچھ بھی نہ پوچھئے صاحب
جو ملا وہ مجھے بہتیرا ہے

آئنے سے بھی جھوٹ بلوا لوں
صرف اس واسطے کہ میرا ہے؟

ہر قدم پر ہے چاپ انجانی
میرے گھر جانے کس کا ڈیرا ہے

وہ جو چپکے سے ڈس کے چھوڑ گیا
سانپ جیسا کوئی سنپیرا ہے

کرچیاں چبھ گئیں نگاہوں میں
کس نے یوں درد کو بکھیرا ہے

سارے رشتے بدل گئے سیما
اب جو میرا نہیں وہ تیرا ہے
٭٭٭

خس کا آنگن اونچا جھولا بھول گئے
بابل تیرے گھر کا رستہ بھول گئے

پنجرے میں کیوں پنچھی سکھ سے رہتے ہیں
آزادی کیا ہوتی ہے، کیا بھول گئے؟

اشک مری آنکھوں تک آئے تھے لیکن
غم کے پل میں بہنا وہنا بھول گئے

نظریں تم سے پل بھر کو ٹکرائی تھیں
لب پہ آئی بات بھی کہنا بھول گئے

اشکوں سے یہ کیسا اپنا رشتہ ہے
میری آنکھوں میں جو دریا بھول گئے

سنگ تمھارے ملتے رہتے تھے پر تم
مجھ کو دیوانہ کہنا تھا بھول گئے

یادوں کا کیا ہے یہ تو بس یادیں ہیں
ہم بھی اگلی پچھلی بپتا بھول گئے

رنگ و نسل اور ذات کے قضیے لے بیٹھے
آدم اور انسان کا قصہ بھول گئے

جو کچھ ہم نے یاد ابھی تک رکھا تھا
وہ بھی سیما رفتہ رفتہ بھول گئے
٭٭٭

وہ اپنے ترکشوں میں تیر رکھیں یا تبر صاحب
ہمارے صبر میں آتا نہیں زیر و زبر صاحب

بہت آتے ہیں تم جیسے کہاں تک دھیان دیں ان پر
ہنسی آتی ہے تم پر اے حسود ِ بے اثر صاحب

نہ کوئی جان نے پہچان پھر کاہے کا جتلانا
ہو کیوں ناکام عاشق سے مچلتے اس قدر صاحب

سمجھ جائیں جو چھپ کر پیٹھ پیچھے وار کرتے ہیں
کہ ہم خاموش ہیں لیکن نہیں ہیں بے خبر صاحب

ہمیں جینے دو اپنی زندگی اور تم جیو اپنی
تم اپنی سمت جاؤ ہم چلے اپنی ڈگر صاحب

زمانہ جس قدر بھی ہو بُرا اچھائی زندہ ہے
یہی سچ ہے رہو گے تم یونہی نا معتبر صاحب

نظر آتے ہیں چاروں اور ہم کو بوالہوس سیما
کوئی ایسا نہیں اِن میں کرے جو دل میں گھر صاحب
٭٭٭

ماخذ:
سیما نقوی کی کتاب چہرہ (فیس بک) پروفائل سے
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

رستہ نئے اجالوں کا