افسانے، ناول و کہانیاں

رکی آوازیں اور دوسرے افسانے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (13,873 الفاظ)

رکی ہوئی آوازیں اور دوسری کہانیاں

محمد منشا یاد

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

تماشا

اندھیرے کا طویل سفر طے کرنے کے بعد وہ سورج طلوع ہونے تک دریا کے کنارے پہنچ جاتے ہیں۔کنارے پر جگہ جگہ ادھ کھائی اور مری ہوئی مچھلیاں بکھری پڑی ہیں۔
چھوٹا کہتا ہے۔"یہ لدھروں کی کارستانی لگتی ہے ابا۔"
"ہاں پتر۔" بڑا کہتا ہے۔ "یہ ایسا ہی کرتے ہیں ۔ضرورت سے زیادہ مچھلیاں مار مار کر جمع کرتے رہتے ہیں مگر کھاتے وقت آپس میں لڑ پڑتے ہیں اور شکار کو خراب اور ایک دوسرے کو لہولہان کر دیتے ہیں۔"
"یہ اتنی ساری مچھلیاں!" چھوٹا کہتا ہے۔ "ایک رات میں اتنی مچھلیاں مارتے ہیں…. تو دریا مچھلیوں سے خالی نہ ہو جائے گا؟"
"اگر لدھروں کی تعداد بڑھتی رہی تو ایسا ہو سکتا ہے۔"
وہ سامان رکھ کر کنارے پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور اس پار دیکھتے ہیں ۔بستی…. جہاں انہیں پہنچنا ہے اس کی مسجد کے مینار صاف نظر آتے ہیں مگر اس تک پہنچنے کے لئے پل ہے نہ کشتی…. وہ پریشان ہو کر دریا کی طرف دیکھتے ہیں دریا ہر جگہ سے ایک جیسا گہرا اور چوڑا ہے۔ بڑا کچھ دیر تامل کرتا ہے پھر کہتا ہے
"اللہ کا نام لے کر ٹھل پڑتے ہیں پتر۔"
"جیسے تمہاری مرضی ابا۔"
"اگر ڈوب گئے تو"
"تو آئندہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔"
"تو کافی ہوشیار ہو گیا ہے جمورے" بڑا ہنستے ہوئے کہتا ہے۔"تمہارا چیلا جو ہوا ابا۔"
ضرور ٹھل پڑتے پتر۔" بڑا کچھ دیر سوچنے کے بعد کہتا ہے۔ "مگر مجھے رات والا خواب یاد آ رہا ہے۔"
"کیسا خواب ….ابا؟"
"بہت ڈراؤنا خواب تھا پتر۔"
"کیا دیکھا تھا ابا؟"
میں نے دیکھا جمورے کہ بہت بڑا مجمع ہے۔ میں تماشائیوں کے درمیان کوڑیوں والے کو گلے میں ڈالے کھڑا ہوں۔ بچے تالیاں بجاتے اور بڑے زمین پر بچھی چادر پر سکے پھینک رہے ہیں کہ اچانک کوڑیوں والا جسے میں نے تمہاری طرح لاڈ پیار سے پالا ہے، میری گردن میں دانت گاڑ دیتا اور اپنا زہر انڈیل دیتا ہے۔"
"پھر کیا ہوا ابا؟"
پھر میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھانے لگتا ہے لوگوں کے چہرے دھندلا جاتے اور آوازیں ڈوب جاتی ہیں مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں موت ایسی نیند کے اندھے کنوئیں میں نیچے ہی نیچے گرتا چلا جا رہا ہوں۔ ڈوبتے ڈوبتے رہی سہی طاقت جمع کر کے چاروں طرف پھیلی ہوئی تاریکی میں آواز کا تیر پھینکتا اور تمہیں پکارتا ہوں۔"
"پھر؟"
پھر میں اپنی ہی چیخ کی آواز سن کر ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھا۔کیا دیکھتا ہوں کہ آدھی رات کا وقت ہے۔ چاند ڈوب چکا ہے۔ کتے رو رہے ہیں اور اوس سے بوجھل ہوا اداس اداس پھر رہی ہے۔"
"پھر کیا ہوا؟"
پھر میں نے دیکھا کہ تم ٹھنڈ کی وجہ سے سمٹے ہوئے ہو۔ میں نے تمہارے اوپر چادر ڈال دی جیسے اکھاڑے میں تمہارے گلے پر چھری چلانے اور تمہیں دوبارہ زندہ کرنے کے لئے ڈالا کرتا ہوں۔ مگر رات کے اس اداس پہر میں مجھے اپنا چادر ڈالنے کا یہ انداز بہت ہی نحس معلوم ہوا اور نیند اڑ گئی۔"
"بس!۔" چھوٹا کہتا ہے۔ "اس سے تم نے یہ نتیجہ نکال لیا کہ ہمیں دریا میں نہیں اترنا چاہیے۔"
"ہاں پتر۔ آج کا دن ہمارے لیے اچھا نہیں ہے۔"وہ ٹانگیں پھیلا کر بیٹھ جاتا اور سستانے لگتا ہے۔ چھوٹا ابھی تک تازہ دم ہے۔ دوڑ دوڑ کر ٹیلوں پر چڑھتا اترتا ہے اور اچانک پکارتا ہے۔"ابا پل…. مجھے پل دکھائی دے رہا ہے ۔ زیادہ دور نہیں ہے۔"
پل کا نام سن کر بڑے کے بوڑھے جسم میں زندگی کی تازہ لہر دوڑ جاتی ہے وہ اٹھ کر بھاگتا ہوا ٹیلے پر آتا ہے اور اس طرف کو دیکھتا ہے جدھر پانی بہتا ہے۔ پھر خوش ہو کر کہتا ہے۔ "ہاں پل زیادہ دور نہیں…. مگر راستہ دشوار گزار ہے۔"
"کوئی بات نہیں ابا۔"دونوں اپنا اپنا سامان اٹھا لیتے اور دریا کے ساتھ ساتھ چلنے لگتے ہیں۔ راستہ مشکل ہے۔ بہت سے نشیب و فراز۔ ٹیلے اور کھائیاں۔ ندی نالے۔ گھنا جنگل۔ خاردار جھاڑیاں اور پاؤں لہولہان کر دینے والی دوب…. مگر وہ چلتے رہتے ہیں۔ چلتے رہتے ہیں۔اور ان کے ساتھ ساتھ دوسرے کنارے پر بستی کی مسجد کے اونچے مینار بھی چلتے رہتے ہیں۔ چلتے چلتے وہ تھک جاتے ہیں۔ صبح سے دوپہر ہو جاتی ہے مگر پل اب بھی اتنا ہی دور نظر آتا ہے جتنا اس وقت نظر آتا تھا جب وہ چلے تھے۔ بڑا کہتا ہے۔"عجیب بات ہے جمورے…. پل آگے ہی آگے چلتا جاتا ہے۔"
"اور بستی بھی ابا" چھوٹا کہتا ہے۔ "مینار ہمارے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔"
"عجیب بات ہے جمورے"
"بہت ہی عجیب ابا۔"
"یہ کوئی اسرار ہے پتر"
"میرا خیال ہے ابا" چھوٹا کہتا ہے۔ "ہم ہر روز لوگوں سے مخول کرتے ہیں آج ہمارے ساتھ مخول ہو رہا ہے۔"
"اللہ خیر کرے"چلتے چلتے دوپہر ڈھلنے لگتی ہے۔ وہ چل چل کر نڈھال ہو جاتے ہیں۔ دریا کا گدلا پانی پی پی کر ان کے ہونٹوں پر پپڑیاں جم جاتی ہیں خاردار جھاڑیوں سے الجھ الجھ کر لباس تار تار ہو جاتا اور پاؤں زخمی ہو جاتے ہیں۔ مگر پل اور بستی کے مینار اب بھی اتنے ہی فاصلے پر نظر آتے ہیں۔"رک جا پتر۔" بڑا کہتا ہے۔ "اس پار والی بستی تک پہنچنا شاید ہمارے مقدر میں نہیں ہے ہم اس آگے ہی آگے چلتے ہوئے پل تک کبھی نہ پہنچ پائیں گے۔"
"پھر کیا کریں ابا؟"
"واپس چلتے ہیں پتر؟"
"نہیں ابا۔ واپس جا کر کیا کریں گے۔ ہماری منزل تو اس پار کی بستی ہے اور پھر ابا…. واپس پلٹ جانا مردوں کا کام نہیں ہے۔"
"ہاں پتر۔ تم ٹھیک کہتے ہو…. ہماری تو زنانیاں بھی دریا کی بپھری ہوئی لہروں سے نہیں ڈرتیں…. کچے گھڑوں پر ٹھل پڑتی ہیں۔"
"واہ ابا…. کیا بات کہی ہے…. چلو ٹھل پڑتے ہیں۔"
"نہیں پتر…. تم تھک جاؤ گے…. اور پھر ہمارے پاس سامان ہے۔"
"تم میری فکر نہ کرو ابا…. اور سامان کا کیا ہے وہاں جا کر نیا بنا لیں گے۔"بڑا کوئی جواب نہیں دیتا۔ سامان نیچے رکھ کر دریا کی طرف دیکھتا رہتا ہے۔ پھر گانے لگتا ہے:"نیں وی ڈوہنگھی تلہ پرانا شینھاں تاں پتن ملے۔"(ندی گہری اور کشتی پرانی ہے اور گھاٹ پر شیروں کا پہرا ہے)چھوٹا لقمہ دیتا ہے۔ "میں وی جانا جھوک رانجھن دی نال میرے کوئی چلے"(مجھے بھی محبوب کی بستی پہنچناہے ،کون میرے ساتھ چلے گا)اچانک کتوں کے بھونکنے اور مویشیوں کے ڈکرانے کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔"یہ آوازیں؟" چھوٹا کہتا ہے۔ "اس جنگل بیابان میں؟"
"میرا خیال ہے یہاں قریب ہی کوئی آبادی ہے کوئی دوسری بستی۔"
"ایسا ہی معلوم ہوتا ہے۔"
"پتر کیوں نہ آج کی رات یہیں اس بستی میں گزار لیں۔ صبح سویرے تازہ دم ہو کر چلیں گے۔"
"جیسے تمہاری مرضی ابا۔"بڑا کچھ دیر سوچتا رہتا ہے پھر آوازوں کے تعاقب میں چلنے لگتا ہے چھوٹا پلٹ پلٹ کر دریا کے اس پار والی بستی کی طرف دیکھتا اس کے پیچھے پیچھے چلنے لگتا ہے۔ دریا کا کنارا لحظہ لحظہ دور ہوتا جاتا ہے اور وہ چھوٹی سی ایک بستی کے قریب پہنچ جاتے ہیں۔اچانک بڑا ٹھٹک کر کھڑا ہو جاتا ہے اور بیری کے درخت کی طرف دیکھ کر کہتا ہے۔ "یہ کیا تماشا ہے جموریا۔"جمورا بیری کی طرف دیکھتا ہے۔ زمین سے مٹی کا ڈھیلا اٹھا کر مارتا ہے پھر زمین سے بیر اٹھا کر چکھتا اور تھوک دیتا ہے۔"تمہارا شک ٹھیک ہے ابا…. دھرکونے (نبولیاں)ہی ہیں کڑوے زہر"
"ر ب خیر کرے۔ بیری کے ساتھ دھرکونے۔" بڑا کہتا ہے۔ "کوئی اسرار ہے پتر۔"چھوٹا کوئی جواب نہیں دیتا۔ آسمان کی طرف منہ اٹھا کر دیکھتا رہتا ہے ۔بڑا پوچھتا ہے۔"کیا دیکھ رہے ہو پتر ابابیلیں ہیں "
"ہاں ابا…. پورا لشکر ہے۔"
"دانہ دنکا ڈھونڈھ رہی ہوں گی پتر۔"
"کیا پتہ کچھ اور ڈھونڈھ رہی ہوں ابا۔"
"اور کیا پتر؟"
"ہاتھیوں کو ابا۔"
نہیں پتر…. یہ وہ ابابیلیں نہیں ہیں۔ یہ تو ہاتھیوں پر بیٹھ کر چہچہانے اور چوگ بدلنے والی ابابیلیں ہیں۔"
"یہاں سے نکل چلیں ابا…. یہ ٹھیک جگہ نہیں ہے۔"
"رب خیر کرے گا پتر۔" بڑا کہتا ہے۔ "کچھ دھندا کر لیں۔ رات بسر کر کے صبح سویرے نکل چلیں گے۔"
"جیسے تمہاری مرضی ابا۔"بستی میں داخل ہوتے ہی وہ ایک کھلی جگہ پر سامان رکھ کر آس پاس کا جائزہ لیتے ہیں۔ پھر چھوٹا زمین پر چادر بچھا کر اس کے ایک کونے پر بیٹھ جاتا ہے اور بڑا بانسری اور ڈگڈگی نکال کر بجانے لگتا ہے۔دیکھتے ہی دیکھتے بہت سے بچے ان کے گرد جمع ہو جاتے ہیں۔ دونوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھتے ہیں بڑا چھوٹے کی طرف دیکھ کر سر ہلاتا ہے جیسے کہہ رہا ہو۔اب رات بسر کرنے کا اچھا بندوبست ہو جائے گا۔بڑا بانسری اور ڈگڈگی بجاتا رہتا ہے جب تھک جاتا ہے تو کہتا ہے۔"پتر جموریا…. یہ بستی بھی عجیب ہے۔ ڈگڈگی بجاتے بجاتے میرا بازو شل ہو گیا ہے اور بانسری میں پھونکیں مارتے مارتے میرا اندر سکھناں (خالی )ہو گیا ہے مگر ابھی تک کسی بالغ مرد یا عورت نے جس کے کھیسے میں پیسے ہوں ادھر کا رخ نہیں کیا۔"
"کیا پتہ ابا۔" چھوٹا کہتا ہے۔ "یہاں کے لوگ بہرے ہوں یا انہوں نے کانوں میں روئی ٹھونس رکھی ہو۔"
"وہ کیوں پتر۔"
"وہ اس لیے ابا…. کہ جب بندہ کبھی بھی خیر کی خبر نہ سنے تو آہستہ آہستہ اس کا دل اکا ّسننے ہی سے اچاٹ ہو جاتا ہے۔"
"واہ جمورے تو نے سبق خوب پکایا ہوا ہے، اچھا یہ بتا تجھے کیسے پتہ چلا کہ ان لوگوں نے کبھی خیرکی خبر نہیں سنی"
"میں نے ان نیانوں(کم سنوں) کی صورتوں سے اندازہ لگایا ہے ابا۔"
"تو بہت ہوشیار ہو گیا ہے جمورے۔"
"تمہارا چیلا جو ہوا ابا۔"
"واقعی پتر…. ایسا لگتا ہے جیسے یہ سارے یتیم ہیں۔"
"مجھے تو ایسا لگتا ہے ابا جیسے انہوں نے اپنے باپوں کو شہر بدر کر دیا ہوا ہے۔"
"شاید ہم غلط جگہ آ گئے ہیں۔"
"ہاں ابا۔"
"دیکھ نا پتر…. ساری بستی میں کوئی ایک بھی بالغ مرد عورت نہیں ۔ایسا لگتا ہے جیسے وہ سب بھی ہماری طرح دوسری بستیوں میں تماشا دکھانے گئے ہوں گے۔"
"پھر تو ان کی واپسی کا انتظار ضرور کرنا چاہیے ابا۔"
"کیوں پتر۔"
"یہ دیکھنے کے لئے کہ وہ بڑے مداری ہیں یا تم؟"
"نہیں جموریا مجھے ان بچوں سے خوف آنے لگا ہے۔ عجیب سے بچے ّہیں۔"
"تو پھر یہاں سے چلتے ہیں ابا۔"
"ہاں پتر…. چلے جانا ہی اچھا ہے مگر تو ذرا ان چھوٹوں سے یہ تو پوچھ ان کے بڑے کہاں ہیں؟"
"ہم خود بڑے ہیں۔" مجمع میں سے ایک بچے کی آواز آتی ہے۔ "کیا ہم تمہیں چھوٹے نظر آتے ہیں؟"بڑا اور چھوٹا چونک کر ایک دوسرے کی طرف دیکھتے ہیں اور ابھی اپنی حیرت پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں کہ چھوٹی عمر کا ایک اور بچہ نہایت پختہ لہجے میں کہتا ہے۔"منشی ٹھیک کہتا ہے…. تم لوگ جلدی جلدی کھیل دکھاؤ اور اپنی راہ لو…. ہم ایسے لوگوں کو جو خود کو ہم سے بڑا سمجھتے ہوں بستی میں زیادہ دیر رکنے کی اجازت نہیں دیتے۔"
"تو کیا اس بستی میں پورے قد کا کوئی آدمی نہیں رہتا۔"
"ہم رہنے ہی نہیں دیتے…." ایک بچہ ہنس کر کہتا ہے۔ "ٹھکانے لگا دیتے ہیں۔"
"تو یہ بستی؟" بڑا ہکلا جاتا ہے۔"ہاں یہ بستی…. یہ ہماری بستی ہے اور میں یہاں کا سردار ہوں۔ لیکن تم وقت ضائع نہ کرو ۔اگر تم نے کوئی اچھا کرتب دکھایا تو ہم تمہیں ضرور انعام دیں گے…. چلو تماشا دکھاؤ۔"
"ابھی تو ہم خود دیکھ رہے ہیں۔" چھوٹا کہتا ہے۔"تمیز سے بات کرو لڑکے۔" سردار غصے سے کہتا ہے۔ "ورنہ!"
"ارے۔" چھوٹا ہنستا ہے۔ "تم تو واقعی سردار کے بیٹے لگتے ہو۔"
"سردار کا بیٹا نہیں…. میں خود سردار ہوں۔"
"ہاں ہاں…. یہ سردار ہے۔" بہت سی آوازیں آتی ہیں۔ چھوٹا ہنستا چلا جاتا ہے پھر بڑے کے قریب آ کر کہتا ہے۔"میرا خیال ہے ہم بونوں کی بستی میں آ گئے ہیں۔"
"مداری…. یہ کیا بکواس ہے۔" سردار چلا کر کہتا ہے۔ "یہ ہمیں بونے کہتا ہے اس بدتمیز بچے کو چپ کراؤ ،ورنہ بستی سے نکل جاؤ۔"بڑا ششدر کھڑا چاروں طرف دیکھتا ہے۔ پھرآہستہ سے کہتا ہے۔"جمورے چپ ہو جا…. یہ کوئی اسرار ہے۔"
"کیا اسرار ہے ابا…. یہ بچے۔"
"یہ بچے نہیں ہیں پتر۔" بڑا اس کی بات کاٹ کر کہتا ہے۔"پھر کیا ہیں ابا؟"
"غور سے دیکھ جمورے…. ان کے بال سفید ہیں اور ان کے چہروں پر جھریاں ہیں ان کی عمریں زیادہ ہو گئی ہیں مگر ان کے ذہن نابالغ رہ گئے ہیں۔ یہ نہایت خطرناک ہو سکتے ہیں۔"
"عجیب بات ہے۔"
"بہت ہی عجیب پتر…. رب خیر کرے۔"اچانک چند بچے بہت سی چارپائیاں اور مونڈھے اٹھائے آتے ہیں اور سردار بچے سمیت بہت سے دوسرے تماشائی بچے ان چارپائیوں اور مونڈھوں پر بیٹھ جاتے ہیں۔ سردار تحکمانہ لہجے میں کہتا ہے۔"کھیل شروع کیا جائے۔"بڑا پریشان ہو کر تماشائیوں پر ایک نظر ڈالتا ہے۔ پھر تھیلے میں سے چیزیں نکالنے لگ جاتا ہے۔سب سے پہلے وہ تین گولے نکال کر زمین پر رکھتا ہے پھر انہیں تین پیالوں سے ڈھانپ دیتا ہے ۔کچھ پڑھ کر پھونک مارتا اور باری باری سارے پیالے اٹھا کر دکھاتا ہے۔ گولے غائب ہو چکے ہیں۔وہ تماشائیوں کی طرف داد طلب نظروں سے دیکھتا ہے مگر وہ تالیاں نہیں بجاتے، داد نہیں دیتے، چپ چاپ کھڑے رہتے ہیں۔پھر وہ پیالوں کو اوندھا کر کے باری باری اوپر اٹھاتا ہے اب ہر پیالے کے نیچے ایک ایک گولہ دکھائی دیتا ہے وہ دوبارہ سردار اور دوسرے تماشائیوں کی طرف دیکھتا ہے مگر وہ اب بھی خاموش رہتے ہیں۔پھر وہ جیب سے ایک روپے کا سکہ نکالتا ہے ایک کے دو اور دو کے چار بناتا ہے اور کہتا ہے"مہربان…. قدر دان…. میں جادوگر نہیں ہوں۔ یہ محض ہاتھ کی صفائی ہے جادوگر ہوتا تو یہاں نہ ہوتا گھر میں بیٹھا سکے بنا رہا ہوتا۔"
ہمیں معلوم ہے تم کھیل دکھاؤ۔" سردار اسے ٹوکتا ہے۔"تو پھر تم خود ہی میدان میں آ جاؤ۔" جمورا طنز کرتا ہے۔"مداری…. یہ لڑکا!" سردار غضبناک ہو جاتا ہے۔"میں معافی چاہتا ہوں سردار۔" بڑا کہتا ہے اور اشارے سے جمورے کو خاموش رہنے کی تلقین کرتا ہے اور باری باری بہت سے کھیل دکھاتا ہے۔ خالی گلاس پانی سے بھر جاتا ہے اور بھرا ہوا گلاس اوندھا کرنے سے پانی نہیں گرتا۔مٹھی میں بند کر کے نکالنے سے رومال کا رنگ تبدیل ہو جاتا ہے۔ جلتا ہوا سگریٹ نگل کر کانوں کی طرف سے دھواں نکالتا ہے۔ کوڑیوں والے سے ڈسواتا اور اسے گردن میں ڈال لیتا ہے۔ منہ کے راستے پیٹ میں خنجر اتار کر نکال لیتا ہے۔مگر سردار سمیت کوئی تماشائی تالی نہیں بجاتا داد نہیں دیتا ۔وہ پریشان ہو جاتا ہے۔ پھر اعلان کرتا ہے۔"اب آخر میں میں جمورے کے گلے پر چھری چلاؤں گا اور اسے ذبح کر کے دوبارہ زندہ کر دکھاؤں گا۔"سردار سمیت سارے تماشائی زور زور سے تالیاں پیٹتے ہیں۔ وہ بے حد حیران ہوتا ہے۔ عام طور پر تماشے کے آخر میں جب وہ اس کھیل کا اعلان کیا کرتا ہے تو بہت سے تماشائی اس کھیل کو ناپسند کرتے اور اسے منع کر دیتے ہیں مگر پتا نہیں یہ کیسے سفاک تماشائی ہیں کہ چھری چلانے کی بات سن کر تالیاں پیٹنے لگے ہیں۔وہ جمورے کو زمین پر لٹاتا ہے اس کے اوپر اسی طرح چادر ڈالتا ہے۔ جیسے ہمیشہ ڈالا کرتا ہے۔ پھر تھیلے میں سے چھری نکال کر اس کی دھار پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہتا ہے"صاحبان…. قدر دان…. کوئی باپ اپنے بیٹے کی گردن پر چھری نہیں چلا سکتا…. نہ ہی اللہ کے پیغمبروں کے سوا کسی میں اتنی ہمت اور حوصلہ ہو سکتا ہے…. یہ سب کچھ ایک کھیل ہے…. نظر کا دھوکہ…. اس پاپی پیٹ کی خاطر۔"
"ہمیں معلوم ہے"
"ہم جانتے ہیں"
"باتوں میں وقت ضائع نہ کرو۔" سردار کہتا ہے۔"چھری چلاؤ"…. ایک طرف سے آواز آتی ہے۔"چھری چلاؤ…. چھری چلاؤ۔" تماشائی شور مچاتے ہیں۔وہ اپنی گھبراہٹ پر قابو پانے کی کوشش کرتا اور جمورے کے قریب آ کر چھری چلاتا ہے۔تماشائی زور زور سے تالیاں پیٹتے اور سیٹیاں بجاتے ہیں’ سکے پھینکتے اور بکرے بلاتے ہیں اور جمورے کے دوبارہ زندہ ہونے کا کھیل دیکھے بغیر کھسکنے لگتے ہیں۔دیکھتے ہی دیکھتے سارا پڑ خالی ہو جاتا ہے۔وہ جمورے کو آواز دیتا ہے۔ "اٹھ پتر…. پیسے جمع کر۔"مگر جمورا کوئی جواب نہیں دیتا۔وہ گھبرا کر چادر ہٹاتا ہے۔ کیا دیکھتا ہے کہ جمورا خون میں لت پت ہے اور اس کی گردن سچ مچ کٹی پڑی ہے۔اس کی چیخیں ساری بستی میں گونجنے لگتی ہیں۔
٭٭٭

دنیا کا آخری بھوکا آدمی

ایسا ہوتا ہے۔
ایسا ہوتا ہے کہ آپ کے پاس کوئی ضرورت مند آیا اور آپ نے سوچے سمجھے بغیر اپنے دفاع کے لئے اندر کے خسیس اور کمینہ خصلت منشی کو پکارنا شروع کر دیا اور جب منشی اور مہمان رخصت ہوئے آپ کو یاد آنے لگا کہ ضرورت مند شخص سے آپ کے کتنے دیرینہ یا گہرے تعلقات تھے۔ آپ پر اس کے کتنے احسانات تھے اس کی ضرورت کتنی جائز اور اہم تھی۔ آپ چاہتے ہیں اس کی تلافی ہو جائے مگر نہیں ہو پاتی کہ اس نے کسی اور ذریعے سے اپنی مشکل پر قابو پا لیا ہے اور آپ اب کف افسوس ملنے کے لئے رہ گئے ہیں۔
بس کچھ ایسا ہی ہوا۔
ہم ایک پر تکلف دعوت لوٹ رہے تھے، رات کے نو سوا نو بج رہے تھے۔ بازار میں زیادہ تر دکانیں بند ہو چکی تھیں۔ مگر بکریوں، سگریٹ کے کھوکھوں، کھانے پینے کے اسٹالوں اور اوپن ایئر ریستورانوں پر ابھی تک رونق تھی۔ مجھے جمائیاں آ رہی تھیں مگر وہ ابھی تک تر و تازہ تھی۔ کیونکہ اس نے خوبصورت لباس اور قیمتی زیور پہن رکھا تھا۔
گنجائش تو نہیں تھی لیکن آج کل شہر کے اس فیشن ایبل علاقے میں رات کو کاروں میں بیٹھ کر کھانا پینا کھاتے پیتے لوگوں کا دستور ہے۔ خود کو اس طبقے میں شامل رکھنے کے لئے ہمیں بھی یہ دستور نبھانا پڑتا ہے۔ میں نے اس کے لئے آئس کریم اور اپنے لئے کولڈ ڈرنک منگایا اب صرف پان کی گنجائش رہ گئی تھی۔ میں منگا بھی سکتا تھا مگر سوچا اسی بہانہ ٹہل لوں گا۔ بیٹھے بیٹھے پیٹ میں ہوا بھر گئی تھی۔ میں پان لے کر لوٹا تو وہ تنکوں کی تین ٹوکریاں اٹھائے اس کے قریب کھڑا تھا۔ وہ منع کر رہی تھی اور وہ اصرار.... میں نے کوئی دخل نہ دیا۔ ہوٹل کے لڑکے کو ٹپ دی اور گاڑی سٹارٹ کرنے لگا۔ وہ بولی۔
"وہ رو رہا ہے۔"
"کون کہاں رو رہا ہے؟"
"میں نے ایک نظر اسے دیکھا، وہ ٹوکریاں زمین پر رکھے ننھے بچوں کی طرح روتے ہوئے آنسو پونچھ رہا تھا۔
"بڑے مکار ہوتے ہیں یہ.... فریبی۔"
میں نے یہ الفاظ نسبتاً بلند آواز مگر کھوکھلے لہجے میں کہے کیونکہ میں خود کو ڈھارس دینا چاہتا تھا۔ ورنہ سچی بات یہ ہے کہ پچپن ساٹھ برس کے ایک بزرگ صورت شخص کو اس طرح بلکتے دیکھ کر میرے اندر بہت کچھ آپ ہی آپ ٹوٹ گیا تھا۔ میں اسے کچھ دے سکتا تھا۔ دینا چاہتا تھا لیکن اب گاڑی سڑک پر آ چکی تھی، آگے پیچھے بھاری ٹریفک تھا۔ پھر وہ کیا سوچتی میں اندر سے اتنا کمزور اور زود پشیمان ہوں؟ لیکن گھر پہنچتے پہنچتے لگا زار و قطار روتا وہ بوڑھا ذہن سے چپک کر میرے ساتھ ہی چلا آیا ہے۔
میں نے کپڑے تبدیل کئے اور ٹیلی ویژن کھولا مگر بند کر دیا، کتاب لے کر لیٹا مگر پڑھنے میں جی نہ لگا۔ بار بار بوڑھے کا آنسوؤں سے تر چہرہ نگاہوں میں گھوم جاتا۔ کاش میں نے اسے روپیہ دو روپیہ دے دیا ہوتا۔ یہ الجھن تو نہ ہوتی۔
روپیہ.... جس کا میں نے پان چبا کر تھوک دیا تھا جسے میں سگریٹ کی صورت میں پھونک رہا تھا۔ جس کی قیمت کا سوڈا واٹر میں بوتل میں چھوڑ آیا تھا اور روپیہ.... جو میں نے ہوٹل کے لڑکے کو ٹپ میں دے دیا تھا۔
کبھی خود پر غصہ آتا کبھی بوڑھے.... طرح طرح سے جی بہلانے کی کوشش کی کہ ضرور اس کا تعلق پیشہ ور بھکاریوں کے کسی گروہ سے ہو گا اور اب تک اس کی اپنی گاڑی اسے لینے آگئی ہو گی، بلکہ اب وہ اپنے ڈیرے پر پہنچ کر دن بھر کی کمائی کا حساب لے رہا ہو گا۔ کیا پتہ وہ اس وقت کسی ریستوران میں بیٹھ کر چکن تکہ یا کڑاہی گوشت کھا رہا ہو یا چرس بھرے سگریٹوں کے کش لگا رہا ہو، لیکن دوسرے ہی لمحے آنسوؤں سے دھلا ہوا اس کا معصوم اور نڈھال چہرہ نگاہوں میں گھوم جاتا اور میں پریشان ہو جاتا۔
پریشانی سے بچنے کی صرف ایک صورت تھی کہ میں واپس جاؤں اور مطمئن ہو کر سو جاؤں۔ لیکن میں اپنی کمزوری اس سے چھپاتا رہا، اس لئے میں نے کسی ضروری کام کا بہانہ کیا اور گیراج سے گاڑی نکال کر بازار کی طرف روانہ ہو گیا۔
جونہی میں گلی کا موڑ مڑ کر سڑک پر آیا مجھے دو پہاڑوں پر واقع اس کا چھوٹا سا گھر دکھائی دینے لگا۔ جہاں اس کی بیمار بیوی کھاٹ پر لیٹی کھانس رہی تھی اور زرد رو بیٹی بیٹھی تنکوں کی ٹوکریاں بنا رہی تھی، اس کی بیٹی کو اپنے کام میں بڑی مہارت ہے اور اسے اپنی بنائی ہوئی ٹوکریوں پر بڑا ناز ہے مگر اسے شکایت ہے کہ قصبے کا دوکاندار اچھے دام نہیں دیتا وہ ہر بار باپ سے کہتی کہ وہ ٹوکریاں شہر لے جا کر بیچے اور دیکھے کہ بیگمات ان کی کتنی قدر کرتی ہیں۔ پھر میں نے دیکھا کہ بل کھاتی پہاڑی سڑک پر وہ شہر کو جاتی بسوں کو حسرت بھری نظروں سے دیکھتا ٹوکریاں اٹھائے پیدل چل رہا ہے اس کا خیال ہے کہ شہر میں داخل ہوتے ہی جگہ جگہ بیگمات کاریں روک کر ٹوکریاں دیکھنے کے لئے رک جائیں گی اور ہاتھوں ہاتھ خرید لیں گی، پھر وہ بیوی کی دوائی، بیٹی کے کپڑے اور بکری کی گانی خرید کر بس پر سوار ہو گا اور اپنے گھر واپس چلا جائے گا۔ مگر آج تیسرا روز ہے اس کی ایک ٹوکری فروخت نہیں ہوئی شاید ان کا فیشن ختم ہو گیا ہے یا ڈیزائن پرانے ہو گئے ہیں وہ سڑکوں اور بازاروں میں ٹوکریاں اٹھائے بھوکا پیاسا مارا مارا پھرتا ہے۔
میں نے بازار کے اس حصے میں جہاں تھوڑی دیر پہلے اسے روتا چھوڑ گیا تھا پہنچ کر گاڑی روکی۔ ادھر ادھر نگاہ دوڑائی، میرا خیال تھا وہ یہیں کہیں آتی جاتی کاروں کے گرد منڈلاتا ہو گا۔ لیکن وہ کہیں دکھائی نہ دیا۔ میرے دل کو دھچکا سا لگا۔ میری پشیمانی کیسے دور ہو گی۔
میں نے بازار میں گھوم پھر کر اسے تلاش کرنا شروع کر دیا، لیکن وہ کہیں نظر نہ آیا، پھر مجھے خیال آیا کہ ضرور وہ کہیں کسی ریستوران میں کھا پی رہا ہو گا۔ اگر میں اسے کھاتا پیتا دیکھ لوں مجھے کس قدر سکون ملے گا۔ دل میں چبھی ہوئی پھانس نکل جائے گی۔
ہوٹلوں اور ریستورانوں میں طرح طرح کے لوگ بیٹھے کھا پی رہی تھے۔ گپ شپ کر رہے تھے۔ میرے ذہن میں اس کی شکل نہیں تھی لیکن اتنا یاد تھا کہ اس کے چہرے پر چھوٹی چھوٹی سفید داڑھی تھی اور وہ پچپن ساٹھ برس کا ایک دیہاتی بوڑھا تھا، جس کے پاس تین ٹوکریاں تھیں۔ میں نے ایک ہوٹل میں جا کر اسے تلاش کیا۔ لیکن وہ کہیں نہ ملا، کئی بار ارادہ کیا کہ لوٹ جاؤں مگر مجھے اپنی طبیعت کا حال معلوم تھا، ذرا سی الجھن بھی ہو تو جب تک قابو نہ پا لوں اس کا حل نہ سوچ لوں چین نہیں آتا۔ میں نے اسے فٹ پاتھوں اور ملحقہ پارکوں میں سوئے یا سوتے جاگتے لوگوں میں بھی تلاش کیا۔ پھر قریبی مسجدوں میں جا کر دیکھا۔ رات کے بارہ بج گئے مگر اس کا کہیں دور دور تک پتہ نہ تھا۔ اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ ناکام واپس لوٹ آؤں اور رات بھر بے چینی سے کروٹیں بدلتا رہوں۔
تو کیا وہ سچ مچ بھوکا تھا۔ بغیر کچھ کھائے پئے سو گیا سویا کہاں ہو گا۔ خالی پیٹ نیند کہاں آتی ہے۔ بھرے پڑے شہر میں بھوکا رہ کر کیا سوچتا ہو گا، یہ کتنی عجیب بات ہے کہ لذیذ کیک پیسٹریوں سے بھری بیکریوں، خوش ذائقہ مٹھائیوں سے اٹی مٹھائی کی دکانوں، اناج سے بھرے گوداموں اور خوش رنگ پھولوں سے آراستہ فروٹ شاپس کے سامنے یا کہیں آس پاس آدمی بھوکا پڑا ہو۔
رات بھر عجیب واہیات اور مکروہ خواب دکھائی دیتے رہے، لیکن کبھی میں دیکھتا، میں جس شخص کی برائیاں بیان کر رہا ہوں وہ عین میرے پیچھے کھڑا سن رہا ہے۔
کبھی دیکھتا کہ میں نے ایک بچے سے ٹافی چھین کر ہڑپ لی ہے اور وہ میرے سامنے زار و قطار رو رہا تھا۔ بار بار آنکھ کھلتی رہی، عجیب ندامت بھری رات تھی۔
صبح دفتر جاتے ہوئے میں نے بازار کا ایک لمبا چکر لگایا۔ فٹ پاتھوں، دکانوں کے تھڑوں اور ملحقہ پارکوں پر نظر دوڑائی، دفتر میں بھی بار بار مجھے اس کا خیال آتا رہا۔ دفتر سے واپسی پر بھی میں نے بازار کا اس خیال سے چکر لگایا کہ شاید وہ کہیں دکھائی دے جائے اور میں اسے روپیہ دو روپیہ دے کر اس خلش سے نجات حاصل کر سکوں جو مجھے گذشتہ شب سے اندر ہی اندر بے چین کر رہی تھی، لیکن وہ کہیں بھی نظر نہیں آیا۔ تاہم مجھے توقع تھی کہ شام کے بعد وہ ضرور اسی جگہ پر مل جائے گا جہاں اس سے ملاقات ہوئی تھی۔
میں نے شام ہونے کا بیتابی سے انتظار کیا اور کھانا کھائے بغیر ٹہلنے کے بہانے بازار کی طرف چل دیا میں بڑی دیر تک اِدھر اُدھر گھومتا رہا۔ تھوڑے تھوڑے وقفوں کے بعد گذشتہ رات والی جگہ کا چکر لگاتا مگر وہ نہ ملا، مجھے اس پر غصہ آنے لگا۔
بدبخت تیری اتنی عمر گزر گئی لیکن تجھے خبر نہ ہوئی کہ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی، آخر تو اتنا عرصہ کرتا کیا رہا ہے؟ کہ اس زمانے میں بھی بھوکا سوتا ہے۔ جب اس موضوع پر شاعر نظمیں کہنا اور افسانہ نگار کہانیاں لکھنا ترک کر چکے ہیں، تیری زندگی میں کتنے ملک آزاد ہوئے کتنی نئی قومیں اور ملک معرض وجود میں آئے۔ کیا کیا ایجادات ہوئیں۔ کتنے علمی اور سائنسی انکشافات ہوئے۔ ٹیکنالوجی نے انقلاب برپا کیا۔ کلرک وزیر سفیر اور سپاہی جرنیل کرنیل بن گئے۔ دینو میراثی کا لڑکا پٹواری بن گیا.... رحموں نائی کا بیٹا کلاس ون افسر لگ گیا۔ وسیم خان راج گیری کرتا تھا اب اے کیٹیگری گورنمنٹ کنٹریکٹر ہے جمیل صاحب پروف ریڈنگ کرتے تھے اب پرنٹنگ پریس کے مالک ہیں.... بشیر ریڑھی لگاتا تھا اب ہول سیل فروٹ مرچنٹ ہے۔
بدبخت بوڑھے صرف تو رہ گیا.... اتنی تبدیلیاں آئیں اور تجھے خبر ہی نہ ہوئی۔ ٹھیکے، پرمٹ، لائسنس، نیلام، الاٹمنٹیں، وظیفے.... پتہ نہیں تو کس کھوہ میں چھپا رہ گیا۔ تو نے اپنے پہاڑوں سے اتر کر کبھی دیکھا ہی نہیں۔
تو نے دھوپ میں بال سفید کئے۔ ساری دنیا آگے نکل گئی صرف تم پیچھے رہ گئے۔ میرا سکون غارت کرنے کے لئے.... لیکن تم اگر بھوک سے مرتے ہو تو مرو۔ میری بلا سے، میری کیا ذمہ داری ہے اور کیا مجھ ا کیلے کی ذمہ داری ہے۔
میں نے اسے اگلے روز اس سے اگلے روز بھی تلاش کیا۔ یقیناً وہ اپنے گھر واپس چلا گیا ہو گا۔ یہ سوچ کر میں دل کو تسلی دینا چاہتا تھا لیکن ایک بوجھ سا دل میں ہر وقت دل پر لئے پھرتا تھا۔ ایک بے چینی سی تھی۔ ایک خلش تھی جو مجھے بے چین کرتی رہتی تھی۔
پھر ایک روز میں نے اخبار میں ایک خبر پڑھی۔ ایک نامعلوم بوڑھا بس کے نیچے آ کر کچلا گیا تھا اور حالانکہ خبر میں ٹوکریوں کا ذکر نہیں تھا۔ لیکن میں نے یقین کر لینے میں عافیت سمجھی کہ وہ وہی بوڑھا تھا۔ مجھے دکھ ضرور ہوا۔ لیکن اس رات میں چین اور سکون کی نیند سویا جیسے آخری بھوکا آدمی دنیا سے اٹھ گیا ہو۔
٭٭٭

ڈھلوان

ہکری اسٹریٹ کے آخری سرے پر ڈھلوان کو روکنے کے لئے حفاظتی دیوار بنی ہوئی تھی۔ جب میں چھوٹا تھا تو سوچتا تھا کہ وہ دیوار مشن ہلز کے علاقے کو پرانی آبادی پر گرنے سے روکتی ہے اور اسی لئے تعمیر کی گئی ہے۔ دیوار کے پاس کھائی خاصی تنگ تھی۔ لیکن نیچے کی طرف چلی گئی تھی، جہاں غریب لوگ اپنے گندے اور خستہ حال مکانوں میں رہتے تھے۔ ہم مشن ہلز کے بچوں کا نیچے پرانی آبادی میں جانا ہماری شان کے خلاف تھا۔ مجھے جان ڈی اور بوبی کو سختی سے منع کیا گیا تھا کہ ہم نیچے نہ جائیں۔ ہمیں تو مشن ہلز اور پرانی آبادی کے درمیان ڈھلوان پر کھیلنے کی اجازت بھی نہ تھی۔ کیونکہ ہمارے گھر والوں کا خیال تھا کہ وہاں چھوٹے چھوٹے زہریلے سانپ ہیں۔ اگرچہ ہم نے کبھی کوئی سانپ وہاں نہیں دیکھا تھا۔ ہاں ہم نے بیکار اور غریب لوگوں کو گھومتے پھرتے ضرور دیکھا تھا جو کبھی کبھی اوپر مشن ہلز کی نئی آبادی میں کام کی تلاش میں آتے رہتے تھے اور چند پیسوں کے عوض لان کی گھاس کاٹتے، کار کی صفائی کرتے اور دوسرے چھوٹے موٹے کام کرتے دیتے تھے۔ البتہ انہیں کام کے لئے اوپر آنے کی اجازت تھی۔
ہمارے والدین ہمیں دیوار پر بھی کھیلنے کی اجازت نہ دیتے، اگر انہیں پتہ چل جاتا کہ ہم دوسری طرف بھی چلے جاتے ہیں۔ یہ دیوار اوپر سے چار فٹ چوڑی تھی اور کھائی پر بند باندھتی سیدھی دور تک چلی گئی تھی، اگرچہ گرمیوں میں ہم تقریباً روزانہ وہاں کھیلتے مگر مجھے ہمیشہ دیوار کے درمیانی حصے میں جاتے ہوئے خوف آتا تھا کیونکہ اس جگہ سے دیوار خاصی تنگ تھی اور جب نیچے نگاہ جاتی تھی تو نیچے لڑھک جانے کا خوف ذہن پر چھا جاتا تھا۔ یہ دیوار نئی آبادی کی طرف کم جھکی ہوئی تھی اور ڈھلوان نیچے کی طرف دور تک چلی گئی تھی۔ اس میں جگہ جگہ زنگ آلود سرئیے گڑھے ہوئے تھے اور اگر کوئی ان پر گر پڑتا تو پھر وہ اس کے جسم کے پار ہو جاتے۔ ادھر نیچے پرانے ڈرم اور کٹے ہوئے کنستر کیلوں والے بورڈ اور اینٹوں کے روڑوں کے ڈھیر پڑے تھے۔ جنہیں نئی آبادی کے لوگوں نے پھینک دیا ہوا تھا۔ اگرچہ محکمہ پولیس کی طرف سے کوڑا کرکٹ نہ پھینکنے کی ہدایت ایک بورڈ پر لکھی نظر آتی تھی۔ جان ڈی کا کہنا تھا کہ نئی آبادی کی جانب والی کھائی ایک دن اسی طرح پر ہو جائے گی۔
ایک عرصہ تک ہم نے جو بڑی جرات مندی کا کارنامہ انجام دیا تھا وہ یہ تھا کہ ہم دیوار پر ٹانگیں لٹکا کر بیٹھ جاتے تھے اور ظاہر کرتے تھے کہ ہم ایسا کرتے وقت بالکل خوفزدہ نہیں ہوتے حالانکہ اندر میں بہت خوفزدہ رہتا اور مجھے پتہ تھا کہ بوبی کو بھی ڈر لگتا تھا اور یقیناً جان ڈی بھی اندر سے خوفزدہ ہوتا تھا مگر ہم سب ظاہر نہیں کرتے تھے۔ پھر ایک بار ہم نے سکیسنگ کا مظاہرہ کیا، اگرچہ اسے سکیسنگ کہنا درست نہیں۔ ہم یونہی لکڑی کی کھڑاؤں پہن کر ادھر ادھر چل لیتے۔ یہ جان ڈی کی اختراع تھی۔ چنانچہ ہم نے پہلے اسے ہی چلنے کو کہا۔ اس کے بعد مجبوراً مجھے جانا پڑا اور ہم دونوں بوبی پر اس وقت تک ہنستے رہے جب تک کہ اس نے بھی کر نہیں دکھایا حالانکہ اس کا چہرے اور بھی زرد ہو گیا، جب اس نے مجھے اور جان ڈی کو ڈھلوان پر سائیکلیں چلانے کی باتیں کرتے سنا لیکن ہم تو محض شیخیاں مار رہے تھے۔
لیکن پھر ہماری ڈینی سے ملاقات ہو گئی۔
جب ہم نے پہلی بار ڈینی کو دیکھا تو ہم اپنی طرف کھائی میں تھے اور کوکا کولا کے اشتہار کے بورڈ پر پتھروں سے نشانے لگا رہے تھے۔
"ارے.... وہ کون ہے؟" بوبی نے کہا۔
اور میں نے دیکھا کہ وہ لڑکا دیوار کے اوپر بیٹھا ہوا تھا۔ اسے دیکھتے ہی پتہ چل گیا کہ اس کا تعلق پرانی بستی سے ہے۔ وہ بہت مریل سا لڑکا تھا۔ اس نے لمبا چوغہ پہنا ہوا تھا اور اس کے پاؤں کے ننگے سیاہ تلوے نظر آرہے تھے۔
"اوئے؟" جان ڈی پکارا۔ اس کی آواز عجیب سی تھی۔ "چل اتر دیوار سے۔"
"کیوں؟" لڑکے نے جواب دیا۔ "تم کون ہوتے ہو مجھے دیوار سے اتارنے والے؟" تمہارا خیال ہے میں نہیں اتار سکتا؟"
"اور تمہارا خیال ہے کہ تم مجھے اتار سکتے ہو۔ موٹے؟"
جان ڈی کو بہت غصہ آیا۔ ویسے وہ اتنا موٹا نہیں تھا۔ ہم بوبی کو پیچھے چھوڑ کر دیوار پر چڑھ گئے۔ بوبی کی جرابیں ہمیشہ اتر کر جوتوں میں اکٹھی ہو جاتی تھیں اور اسے بار بار اوپر چڑھانے کے لئے رکنا پڑتا تھا۔ پرانی آبادی کا لڑکا ہم دونوں سے چھوٹا تھا وہ بوبی کا ہم عمر ہو گا، اس لئے جان ڈی کے لئے اس سے لڑنا مناسب بات نہیں تھا۔ میں نے جان ڈی کو یہ بات بتائی لیکن خود اسے بھی اس کا احساس تھا کہ اپنے سے چھوٹے پر ہاتھ اٹھانا ٹھیک نہیں۔
"کیا نام ہے تمہارا؟" میں نے پوچھا۔
اس نے اپنا نام ڈینی بتایا۔ اس کے دانت خراب تھے اور وہ اپنے لمبے بالوں میں انگلیاں پھیر رہا تھا۔ میں نے اسے بتایا کہ میرا نام رکے ہے، دوسرا جان ڈی ہے اور جو پیچھے آ رہا ہے اس کا نام بوبی ہے۔ ہم سب دیوار پر بیٹھ گئے۔ جان ڈی نے کہا۔ "تم پرانی آبادی سے آئے ہو نا؟"
ڈینی نے اپنی دونوں ٹانگوں کے درمیان سے نیچے کی طرف تھوکتے ہوئے اثبات میں سر ہلایا۔ اس کی تھوک دیوار سے ٹکرانے کے بجائے خاصی دور جا گری۔ جان ڈی نے کہا۔ "پرانی آبادی میں ایک معمولی سا اسکول تو ہے لیکن یقیناً تم سکول نہیں جاتے ہو گے۔ نئی آبادی میں تو سب بچے اعلیٰ درجے کے سکولوں میں پڑھتے ہیں۔" "پرانی آبادی کے سکولوں میں کیا خرابی ہے۔" بوبی نے پوچھا۔ وہ ہمیشہ اسی قسم کے سوال اٹھاتا رہتا تھا۔ جان ڈی نے اسے تیز نظروں سے دیکھا اور کہا۔ "یہ سکول پرانی آبادی میں ہے۔ یہی اس کی سب سے بڑی خرابی ہے۔ تمہیں اس بات کا پتہ ہونا چاہئے۔"
بوبی نے جان ڈی کو حیرت سے دیکھا مگر خاموش رہا۔
ڈینی اب بھی اپنی دونوں ٹانگوں کے درمیان سے تھوک نیچے پھینک رہا تھا۔ میں نے تجویز پیش کی۔ "کیوں نہ واپس چل کر ہم پھر کوکا کولا کے بورڈ پر نشانے لگائیں۔" ڈینی ہمارے ساتھ ہولیا اور اس نے ہم سب سے بہتر نشانے لگائے۔ اس پر جان ڈی کو غصہ آیا اور اس نے اپنی سبکی محسوس کی۔ دس میں سے میں نے اور جان ڈی نے آٹھ مرتبہ اور ڈینی نے نو بار صحیح نشانے لگائے۔ بوبی صرف پانچ پتھر صحیح نشانے پر پھینک سکا۔ پھر جان ڈی نے کہا کہ آؤ دیکھتے ہیں دیوار کی چوٹی تک کون پتھر پھینک سکتا ہے۔ اس مرتبہ جان ڈی جیت گیا۔
"میں اس سے بھی بہتر پتھر پھینک سکتا ہوں۔" جان ڈی نے فخریہ لہجے میں کہا۔ "ایک بار میں نے بہت بڑا پتھر چوٹی تک اچھالا تھا۔‘’‘
ڈینی نے جان ڈی کو حیران کن اکھیوں سے دیکھتے ہوئے کہا "ایسے پتھر ہماری آبادی کے کئی لوگوں کا بائیں ہاتھ کا کام ہے۔"
"ہوں...." جان ڈی نے حقارت سے کہا۔ "پرانی آبادی کے لوگ؟"
پھر اس نے منہ پر ہاتھ رکھ کر بکرا بلایا.... ڈینی نے اس سے زیادہ بلند آواز میں بکرا بلایا.... پھر اس نے ایک لمبی ڈکار سی لی۔ جان ڈی نے بھی ڈکار لی مگر وہ کچھ اچھی نہ تھی۔ ڈینی نے اپنی دو انگلیاں منہ میں ڈال کر اتنی زور سے سیٹی بجائی کہ میں نے اتنی تیز اور اونچی آواز کی سیٹی پہلے نہیں سنی تھی۔ جان ڈی نے سیٹی بجانے کی کوشش ہی نہیں کی۔ ہم میں سے کسی کو سیٹی بجانا نہ آتی تھی۔ جان ڈی نے خفیف ہو کر کہا۔ "میں پرانی آبادی کے لوگوں کو جانتا ہوں۔ وہ اکثر ہمارے ہاں نئی آبادی میں آ جاتے ہیں۔ کبھی رہنے کے لئے جگہ مانگتے ہیں، کبھی ایک آدھ روٹی یا کھانے پینے کی کوئی چیز.... ممی ان کو باغیچے کی گھاس کاٹنے کا کام دیتی ہیں.... دیکھو! اگر تمہارے باپ کو کام نہ ملتا ہو تو میں ممی سے کہہ کر گھاس کاٹنے کا یا کوئی دوسرا کام دلوا دوں گا۔" ڈینی نے جواب دیا "اور تمہارے ڈیڈی کو کام نہ ملتا ہو تو میں اسے کام دلا دوں گا۔"
"تمہارا باپ کیا کام کرتا ہے۔" میں نے پوچھا۔
"وہ آئل فیکٹری میں کام کرتا ہے۔"
"کیا تم لوگ بکریاں نہیں پالتے؟" بوبی نے پوچھا۔
پھر میں نے اسے بتایا کہ میرا باپ بہت بڑا انشورنس ایجنٹ ہے۔ جان ڈی نے کہا کہ میرا باپ بنک کا وائس پریزیڈنٹ ہے۔ بوبی نے اس سے پوچھا۔
"تمہارا باپ فیکٹری میں کیا کام کرتا ہے؟"
جان ڈی نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ صرف کالے اور میکیسکی لوگ آئل فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔ میرا خیال ہے، ڈینی کا باپ بیکار آوارہ گردی کرتا ہے۔ "ڈینی نے جواب میں جان ڈی کے باپ کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کئے۔ جس پر جان ڈی نے اسے دھکا دے کر کوکا کولا کے بورڈ پر گرا دیا۔ وہ اٹھ کھڑا ہوا اور آگے بڑھ کر جان ڈی کے پیٹ میں ایک زور کا مکا رسید کیا۔ لیکن جان ڈی نے اسے گرا لیا اور پیٹنا شروع کر دیا۔ ہم نے مشکلوں سے پکڑ کر الگ کیا اور اسے اس وقت تک نہ چھوڑا جب تک کہ ڈینی اٹھ کر چلا نہ گیا۔ ڈینی کھائی پار کرنے لگا تو اس نے مڑ کر اپنے کندھے کے اوپر سے تھوکنے کی کوشش کی۔ جان ڈی نے اسے دھمکی دی کہ وہ آئندہ اپنی شکل نہ دکھائے اور دیوار کے اس طرف نہ آئے ورنہ یہ اس کے حق میں اچھا نہ ہو گا۔
لیکن دو ہی روز بعد ڈینی پھر ادھر آ نکلا اور اس کی جان ڈی سے پھر لڑائی ہوئی۔ جان ڈی جیت گیا لیکن ڈینی نے مکا مار کر اس کی ناک لہولہان کر دی تھی۔ ڈینی جان ڈی کے باپ کے متعلق اس وقت تک اپنے الفاظ واپس لینے کو تیار نہ تھا جب تک جان ڈی اس کے باپ کے بارے میں اپنے الفاظ واپس نہ لے۔ چنانچہ تنگ آ کر جان ڈی نے اپنے الفاظ واپس لے لئے اور ڈینی نے کہا۔ "اچھا میں بھی واپس لیتا ہوں۔"
اس کے بعد بھی ہم اکثر ڈینی کو یہاں دیکھتے۔ ایک دفعہ جان ڈی لاس اینجلس گیا ہوا تھا۔ ڈینی نے مجھے اور بوبی کو بتایا کہ وہ پرانی بستی کے لڑکوں کے ساتھ کھیلنا پسند نہیں کرتا۔ ان کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے کا مطلب تھا پولیس کے ہتھے چڑھ جاؤ کیونکہ وہ اکثر ایسے ہی کام کرتے تھے۔ بوبی کو ڈینی اچھا لگتا تھا.... مجھے بھی وہ ناپسند نہیں تھا لیکن جان ڈی اور ڈینی کی نہیں بنتی تھی۔ جان ڈی ہمیشہ پرانی آبادی کے لوگوں کے خلاف باتیں کرتا تھا اور تب ڈینی اسے موٹا کہہ کر چڑاتا تھا۔ جس سے اسے سخت غصہ آتا تھا۔ ڈینی کا جان ڈی کو موٹا کہنا صحیح نہیں تھا لیکن جان ڈی جو کچھ پرانی آبادی والوں کے بارے میں کہتا تھا وہ باتیں ٹھیک تھیں، وہ لوگ ایسے ہی تھے۔جان ڈی اگرچہ موٹا تھا لیکن اتنا موٹا بھی نہیں تھا۔ اگرچہ ڈینی پرانی آبادی کا رہنے والا نہ ہوتا تو اسے پتہ ہوتا کہ جان ڈی کا اس کی پٹائی کرنا کسی طرح جائز نہ تھا اور اس لئے وہ ہچکچاتا تھا۔ کیونکہ ڈینی اس سے کہیں چھوٹا تھا اسے مارنا ایسی ہی بری بات تھی جیسی میں یا جان ڈی بوبی کو مارتے، جبکہ بوبی بھی ابھی گیارہ سال کا تھا۔
ایک دفعہ ہکری اسٹریٹ کے کنارے سائیکلیں چلا رہے تھے تو ہم نے ڈینی کو دیوار پر دیکھا۔ ہم نے اسے اوپر بلایا اور میں نے اسے اپنی سائیکل لانے اور ہمارے ساتھ چکر لگانے کی دعوت دی۔
"میرے پاس اب میری سائیکل نہیں رہی۔" اس نے جواب دیا۔ اس نے میری سائیکل کی طرف دیکھا جو بالکل نئی تھی اور جان ڈی اور بوبی کی سائیکل سے اچھی تھی۔
"تمہاری سائیکل کیا ہوئی؟" بوبی نے پوچھا۔
"وہ چوری ہو گئی۔"
"میں شرط لگاتا ہوں کہ اس کے پاس کبھی سائیکل تھی ہی نہیں۔" جان ڈی نے کہا۔
"میرے پاس تھی اور میں چلاتا بھی تھا۔" ڈینی نے جواب دیا۔ "چلو نیچے چل کر کھیلتے ہیں۔"
"تم میری سائیکل لے کر چلا لو۔" بوبی نے پیشکش کی۔
لیکن ڈینی اس کی سائیکل نہیں لینا چاہتا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کی سائیکل کافی عرصہ ہوا گم ہو گئی تھی اور شاید اب وہ اچھی طرح سائیکل چلانا بھول گیا ہو، اس لئے وہ نہیں چاہتا تھا کہ بوبی کی سائیکل کو کوئی نقصان پہنچے۔ یقین تو مجھے بھی نہ آتا تھا کہ کبھی اس کے پاس سائیکل رہی ہو گی لیکن خاموش رہا مگر جان ڈی بولا۔
"اگر ایک دفعہ سائیکل چلانی آ جائے تو پھر بھولنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔"
پھر وہ اپنی سائیکل پر سوار ہو گیا اور ہینڈل پر پاؤں رکھ کر واپس آتے ہوئے بولا۔ "کیا تم ایسا کر سکتے ہو؟"
اسے پتہ تھا کہ میں ایسا نہیں کر سکتا۔ پھر اس نے ڈینی کی طرف دیکھا اور بولا۔ "ڈینی.... تم اپنے ابا سے کیوں نہیں کہتے کہ تمہیں ایک سائیکل خرید دیں۔ تاکہ تم بھی ہمارے ساتھ سائیکل چلا سکو۔"
مجھے سائیکل کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔" ڈینی نے کہا۔ "پہلے بھی جب میرے پاس سائیکل تھی تو بیکار ہی گھر میں کھڑی رہتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے چوری ہو جانے پر میں نے زیادہ پروا نہیں کی۔"
جان ڈی نے ایسا قہقہہ لگایا جسے سن کر مجھے غصہ آتا تھا۔ پھر اس نے اور چھوٹے دائرے بنانے اور چکر لگانے شروع کر دیئے۔ پھر بولا۔
"میں شرط لگاتا ہوں کہ تم میں کوئی ایسا نہیں کر سکتا۔"
ڈینی منہ لٹکائے جان ڈی کو دیکھ رہا تھا۔ اس کے چہرے پر درشتی کے آثار تھے اور اس کے باہر کو نکلے ہوئے میلے دانت نچلے ہونٹ میں سختی سے گڑھے ہوئے تھے۔ آخر وہ بولا:
چلو نیچے چلتے ہیں میں یقیناً کچھ نہ کچھ ایسا کر سکتا ہوں۔ جو تم سب نہیں کر سکتے۔"
ہم اپنی سائیکلیں تھامے اس کے پیچھے نیچے اترے۔ وہ پیچھے دیکھے بغیر دیوار کے درمیان میں چلا گیا۔ تب اس نے دیوار کے کنارے پر چلنا شروع کر دیا۔ پھر اس نے اپنے بازو پھیلائے اور مزید کنارے کی طرف جا کر ایک ٹانگ پر کھڑا ہو گیا اور دوسری ٹانگ دیوار سے باہر ہوا میں لہرائی اور اکیلی ٹانگ پر بیٹھکیں لگانے لگا۔
"یہ تو کچھ بھی نہیں۔" جان ڈی نے کہا اور کنارے پر جا کر اس نے بھی بیٹھکیں لگانی شروع کر دیں اگرچہ وہ ڈینی کی طرح عمدہ نہیں تھیں اور جان ڈی جلد ہی ہانپنے لگا تھا لیکن وہ خوش تھا۔ "یہ تو کچھ بھی نہیں۔"
اب میری باری تھی اور میرا کوئی ارادہ ایسا کرنے کا نہیں تھا۔ ادھر ڈینی کا دھیان جان ڈی کی طرف تھا۔ اس کے چہرے پر پہلے کی طرح درشتی کے آثار پیدا ہو گئے تھے۔ اس نے کہا۔ "اچھا تو تم ایسا تو بالکل نہیں کر سکتے۔" اور یہ کہہ کر وہ دیوار کی کگر کو ہاتھوں سے پکڑ کر ہوا میں لٹک گیا اور اسی طرح لٹکے لٹکے ڈھلوان اترتا چلا گیا۔ ڈینی نے آواز دی۔ "ڈینی باز آ جاؤ۔" ایسا ہر گز نہ کرو۔ "لیکن وہ چلتا رہا۔ میں نے اسے منع کیا لیکن وہ باز نہ آیا اور دیوار کے ساتھ گھسٹتا اور جان ڈی کی طرف دیکھتا بہت دور نیچے چلا گیا جہاں سے اس کا سر اور صرف ہاتھ نظر آرہے تھے۔ میں نے سوچا کہ وہ خود کو گرانے پر تلا ہوا ہے۔ مجھے اس کے نیچے زنگ آلود سرئیے تیروں کی طرح گڑھے نظر آرہے تھے اور اس سے پرے کھائی میں ٹوٹے ہوئے کنستر اور کوکاکولا کے اشتہار کے بورڈ کے نوکیلے کنارے صاف دکھائی دے رہے تھے۔
"میں شرط لگاتا ہوں تم ایسا نہیں کر سکتے۔"
اس کا سر دوبارہ ابھرا تو میں نے دیکھا اس کا چہرہ سرخ ہو رہا تھا اور کنکریٹ پر رگڑی ہوئی ہاتھوں کی انگلیاں سفید ہو رہی تھیں۔ جان ڈی کا چہرہ بھی تمتمایا ہوا تھا لیکن وہ بوکھلایا ہوا بھی تھا۔ جب اس نے میری اور بوبی کی طرف دیکھا تو مجھے ایسا لگا جیسے وہ آگے بڑھ کر ڈینی کے ہاتھوں پر حملہ کرنے والا تھا۔ جس سے اس نے دیوار کے کنارے کو پکڑ رکھا تھا اور یہ صورت حال مجھے اس سے بھی بدتر محسوس ہوئی جو ڈینی نے پیدا کی تھی لیکن پھر وہ جان ڈی کے بارے میں ایسا سوچنے پر مجھے ندامت ہونے لگی۔ ڈینی دوبارہ اوپر چڑھنے لگا تو دیوار کے کنارے پر کہنی ٹکا کر اس نے دم لیا۔ بوبی نے کہا۔
"ہمیں اس کی مدد کرنی چاہئے۔"
بوبی نے ڈینی کی مدد کے لئے ہاتھ آگے بڑھایا اور میری طرف دیکھ کر مجھے بھی مدد کے لئے پکارا۔ لیکن جان ڈی نے اسے پیچھے ہٹا دیا اور میں بھی خاموش کھڑا رہا۔ جان ڈی کو بوبی پر بھی غصہ آ رہا تھا۔ میں ڈینی کی مدد کرنا چاہتا تھا لیکن جان ڈی سے بگاڑنا بھی نہیں چاہتا تھا اس لئے میری سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کیا کروں میں نے کہا۔ "اب اسے خود ہی اوپر چڑھنا چاہئے۔"
"میں چڑھ لوں گا۔" ڈینی نے کہا اور گھما کر ٹانگ دیوار کے کنارے پر ٹکا دی مگر دوسرے ہی لمحے اس کا پاؤں پھسل گیا اور بوبی کے منہ سے چیخ نکل گئی۔ میں بھی چلایا اور سوچا کہ ڈینی کا کام اب تمام ہو گیا۔ مجھے وہ سرئیے سامنے گڑھے نظر آرہے تھے جو اس کے جسم کے پار ہو سکتے تھے لیکن ڈینی پھر سنبھل گیا اور اوپر چڑھنے کی جدوجہد کرنے لگا۔ اس کی گردن کے پٹھے پھولے ہوئے تھے۔ اس نے مضبوطی سے کنکریٹ میں انگلیاں گاڑھی ہوئی تھیں۔ آخر وہ زور لگا کر اور اچھل کر اوپر چڑھ آیا اور دیوار کے اوپر لیٹ کر سانس لینے لگا۔ اس کا سیاہ چہرہ پسینے سے تر تھا اور اس کے جسم کا سامنے کا حصہ کنکریٹ سے رگڑنے کی وجہ سے سفید ہو رہا تھا۔
"تم ایسا بالکل نہیں کر سکتے موٹے۔" اس نے جان ڈی سے کہا۔
مجھے پتہ تھا جان ڈی ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ اس نے ڈینی کی طرف نہیں دیکھا لیکن پھر کچھ سوچ کر بولا۔ "میں تم سے بہتر بھی کچھ کر سکتا ہوں۔"
وہ اٹھا اور سائیکل لے کر پیچھے چلا گیا اور پھر زور زور سے پیڈل چلاتا ہوا دیوار کی ڈھلوان چڑھنے لگا۔ چوٹی پر پہنچ کر جب سائیکل کی رفتار سست پڑ گئی تو اترنے سے پہلے گر پڑا۔ وہ جلدی سے اٹھا، کپڑے جھاڑ کر اور ڈینی کی طرف دیکھ کر بولا۔ "کیا تم ایسا کر سکتے ہو؟"
"میں کر لیا کرتا تھا۔" ڈینی نے کہا۔ "میں ایسا کر لیتا اگر میری سائیکل چوری نہ ہو گئی ہوتی۔"
"تم سخت جھوٹے ہو۔" جان ڈی چلایا۔ "تمہارے پاس کبھی سائیکل تھی ہی نہیں۔
تمہارا بوڑھا غریب باپ تمہیں سائیکل خرید کر دے ہی نہیں سکتا۔"
پھر وہ میری طرف مڑا اور بولا "رکے کیا تم ایسا کر سکتے ہو؟"
میں نے کہا۔ "میں نے کب ایسا کرنے کا دعویٰ کیا ہے؟"
"بزدل!" وہ چلایا۔ "تم بھی بزدل اور ڈرپوک نکلے۔ بہتر ہے کہ تم بھی میلے دانتوں والے ڈینی کے ہمراہ نیچے کی آبادی میں چلے جاؤ۔ تم جیسے بزدل اور ڈرپوک کو مشن ہلز کی آبادی میں نہیں رہنا چاہئے۔"
مجھے غصہ آیا اور جی چاہا کہ اس کے منہ پر تھپڑ مار دوں لیکن پھر مجھے یاد آیا کہ وہ اس سے پہلے دو مرتبہ مجھے پیٹ چکا تھا۔ مگر میں اس کی یہ باتیں بھی نہیں سن سکتا تھا اس لئے میں نے کہا۔ "ٹھیک ہے موٹے" اور اپنی سائیکل لینے چلا گیا۔
جان ڈی، بوبی کے سامنے اپنی بڑ ہانک رہا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ صرف وہی دیوار پر سائیکل چلا سکتا تھا۔ میں نے ڈھلوان پر سائیکل چڑھائی۔ میں اس وقت تک خوفزدہ نہیں تھا کیونکہ میں نے نیچے یا اپنے ارد گرد نظر نہیں دوڑائی تھی۔ میں پیچھے سے تیزی سے آتا ہوا دیوار پر چڑھ گیا اور جلدی جلدی پیڈل مارنے لگا۔ میں نے گردن جھکائی ہوئی تھی تاکہ مجھے آنکھوں کے کنارے سے کھائی کی گہرائی نظر نہ آ سکے حالانکہ میں اتنا تیز جا رہا تھا کہ میں نے آج تک اتنی تیز سائیکل نہیں چلائی تھی لیکن پھر بھی مجھے لگتا تھا جیسے درمیانی حصے میں پہنچنے میں مجھے کئی گھنٹے لگ جائیں گے۔ پھر اچانک میں نے دیکھا کہ میں درمیانی حصے سے آگے بڑھ گیا ہوں اور ابھی تک میری سائیکل ٹھیک جا رہی تھی۔ میں نے صرف ایک بار نیچے پرانی آبادی کی طرف نگاہ کی تو مجھے بڑی گلی جہاں خرید و فروخت ہوتی تھی اور آئل فیکٹری جہاں ڈینی کا باپ کام کرتا تھا نظر آئے اور نیچے ڈرموں کا ڈھیر دکھائی دیا۔ میں سائیکل چلاتا ہوا دیوار کی چوٹی پر پہنچ گیا۔ اب میں پرانی آبادی سے اتنا بلند تھا جتنا میں پہلے کبھی نہیں ہوا تھا اور مجھے اس بلندی سے خوف بھی آ رہا تھا۔ میں زور زور سے پیڈل مار رہا تھا۔ اب مجھے گرنے کا خوف تھا اور یہ خوف اس لئے بھی تھا کہ میں بہت تیز جا رہا تھا اور اب رک نہیں سکتا تھا اور کسی طرف مڑنا یا واپس جانا بھی ممکن نہیں تھا اور دوسری طرف جان ڈی تھا جس کا قد مجھے اپنے سے بڑا ہوتا ہوا محسوس ہو رہا تھا۔ اگر میں ہار جاتا تو مجھے جینے نہ دیتا.... لیکن پھر میں نے سوچا کہ جب پیچھے ہٹنے یا رکنے کا امکان نہیں تو پھر ڈرنا فضول ہے۔ اب تیر کمان سے نکل چکا تھا اور واپس کمان میں نہیں آ سکتا تھا اس لئے میں نے خوف کو ذہن سے جھٹک دیا۔ پھر پتہ نہیں کب اور کیسے میں جان ڈی کے پاس سے گزرا، پھر بوبی کے پاس سے اور پھر ڈینی کے پاس سے اور میں چوٹی پر پہنچ گیا اور میں نے سائیکل کی رفتار کم ہوتے ہی چھلانگ لگا دی اور گرنے سے بچ گیا۔ میں نے سوچا تھا کہ جان ڈی کو اس کی سست رفتاری اور اترتے وقت گر جانے کا طعنہ دوں گا لیکن اب میرا جی نہ چاہا۔ اس کے بجائے میں ڈینی کی طرف مڑا اور اس پر زور زور سے ہنسا اور ہنستا ہی چلا گیا تانکہ بوبی نے مجھے بتایا کہ ڈینی بھی اس کی سائیکل لے کر ڈھلوان پر چلانے کے لئے تیار ہے۔ میں نے دیکھا بوبی چیخ رہا تھا اور جان ڈی ٹانگیں چوڑی کئے سامنے کھڑا تھا اور نیکر کی جیبوں میں ہاتھ ڈالے تماشا دیکھ رہا تھا۔ ڈینی نے بوبی سے سائیکل لی اور نیچے کھائی کی طرف چل دیا.... وہ ٹانگیں چوڑی کئے سائیکل پکڑے جا رہا تھا تو جان ڈی نے ہولے سے کہا۔
"وہ کوشش نہیں کرے گا۔ اسے تو سائیکل چلانی آتی ہی نہیں۔"
میں نے بھی سر ہلایا لیکن بوبی کچھ نہ بولا۔ ہم ڈینی کو دیکھنے لگے۔
کافی دور جا کر اس نے سائیکل پر سوار ہونے کی کوشش کی تو گر پڑا۔ بوبی چلایا اور ڈینی کو منع کیا کہ وہ ایسا نہ کرے لیکن اس نے دوبارہ کوشش کی۔ تب جان ڈی نے چلانا شروع کر دیا کہ وہ بزدل اور ڈرپوک ہے۔ پھر اس نے پرانی بستی کے لوگوں کے بارے میں بکواس شروع کر دی۔ اس نے ڈینی کو طعنے دیئے کہ اس کا باپ اتنا غریب تھا کہ وہ اسے سائیکل لے کر بھی نہیں دے سکتا تھا اور اس کے پا س اتنے پیسے بھی نہیں تھے کہ وہ اس کے دانت ٹھیک کرا سکے، اسے اچھے کپڑے خرید کر دے اور اس کے بال کٹوائے اور مشن ہلز کے لڑکوں کے ساتھ کھیلنے کے قابل بن اکر بھیجے۔
ڈینی نے ترکی بہ ترکی جواب دیئے۔ پہلے جان ڈی کو برا بھلا کہا، پھر ہم سب کو گالیاں دیں اور ہمارے باپوں کے بارے میں گھٹیا الفاظ استعمال کئے۔
اس نے ایسی گندی گالیاں دیں جو ہم نے اپنی نئی آبادی میں کبھی نہیں سنی تھیں۔ جان ڈی کا پتہ نہیں لیکن مجھ سے یہ برداشت نہ ہو سکا اور میں نے ایک پتھر اٹھا کر اسے مارا وہ زیادہ دور نہ جا سکا اور کھائی میں جا گرا۔ جان ڈی نے بھی پتھر اٹھا کر پھینکا مگر وہ بھی اسے نہ لگا۔
ڈینی خاموش ہو گیا۔ وہ سائیکل کے اوپر بیٹھا ہوا تھا اس کی قمیض اور پتلون کے سامنے کا حصہ اب تک گرد سے اٹا ہوا تھا اور وہ اپنے ہاتھوں سے بالوں کو ٹھیک کر رہا تھا۔ میں ایک اور پتھر تلاش کر رہا تھا میں نے بوبی کے چہرے پر نگاہ کی تو وہ ہم سے پیچھے ہٹ کر کھڑا تھا اور میری اور جان ڈی کی طرف حیران حیران نظروں سے دیکھ رہا تھا، اس سے مجھے شرمندگی محسوس ہوئی۔ جان ڈی نے چند ایک پتھر اور پھینکے اور میں نے بھی ایک پتھر اور پھینکا اور اگرچہ ڈینی کو ایک بھی نہیں لگا مگر اب میرا دل قدرے ہلکا ہو گیا تھا۔ صرف میں بوبی سے نظریں ملانے سے کترا رہا تھا۔
جان ڈی نے کہا۔ "ڈینی سائیکل چرانا چاہتا ہے۔"
میرا بھی یہی خیال تھا اور مجھے اب افسوس ہو رہا تھا کہ میں نے ناحق جان ڈی کو موٹا کہا تھا۔ پھر ہم دونوں بوبی کو پیچھے آتا چھوڑ کر دیوار پر چلتے گئے۔ جب ہم گلی کے سرے پر پہنچے تو ڈینی بوبی کی سائیکل لے کر غائب ہو چکا تھا۔ ہم نے اسے پرانی آبادی کی سڑک پر دیکھا لیکن وہ کہیں نظر نہ آیا۔
"وہ بوبی کی سائیکل لے اڑا ہے۔" جان ڈی نے کہا۔
"میرا خیال ہے ہمیں اپنی سائیکلوں کی بھی خبر لینی چاہئے کہیں وہ انہیں بھی نہ اڑا لے جائے۔"
"چور کہیں کا۔" مجھے غصہ آ رہا تھا۔
"وہ سائیکل واپس لے آئے گا۔" بوبی نے اطمینان سے کہا۔
"بس تمہیں اتنا ہی پتہ ہے۔" جان ڈی نے کہا۔ "اب تم وہ سائیکل کبھی نہ دیکھ سکو گے۔"
"شاید ہمیں پولیس بلانا پڑے۔" میں نے کہا اور جان ڈی نے کہا۔
"ہاں ہمیں پولیس کو لے کر اس کا گھر تلاش کرنا چاہئے۔"
ہم دونوں ہکری اسٹریٹ میں جان ڈی کے گھر گئے۔ بوبی اپنی جرابیں ٹھیک کرنے کے لئے پیچھے رہ گیا۔ وہ آنا بھی نہیں چاہتا تھا لیکن ہم اسے زبردستی لا رہے تھے۔ جب ہم نے مسز ڈ نموتھ کو سائیکل چوری ہو جانے کے بارے میں بتایا تو انہیں بالکل یقین نہ آیا لیکن جب ہم نے انہیں بتایا کہ وہ پرانی آبادی کا لڑکا تھا اور شاید اسی دن کے لئے وہاں اکثر منڈلاتا رہتا تھا تو انہیں یقین آگیا۔ چنانچہ انہوں نے فوراً ٹیلی فون کر کے پولیس کو بلا لیا۔
پولیس والوں نے یقین دلایا کہ وہ ابھی جا کر سائیکل برآمد کر لیں گے۔ پولیس سائیکل اور ڈینی کی تلاش میں چلی گئی تو مسز ڈ نموتھ نے ہمیں آئس کریم کھلائی اور ہم بیٹھ کر انتظار کرنے لگے۔ بوبی چپ چا پ تھا۔
میں نے اسے تسلی دی۔ "تمہیں تمہاری سائیکل مل جائے گی وہ اسے ڈھونڈ نکالیں گے۔"
جان ڈی نے آئس کریم چاٹتے ہوئے کہا کہ ۔"وہ اس کمینے چور کو پکڑ لیں گے۔"
"وہ اس کے ساتھ کیا سلوک کریں گے؟" بوبی نے اداس لہجے میں پوچھا۔
"پتہ نہیں۔" میں نے کہا۔
"مجھے پتہ ہے۔" جان ڈی نے جواب دیا۔
"کیا؟" میں نے اور بوبی نے ایک ساتھ پوچھا۔
"وہ اسے قیدیوں کے اصلاح خانے میں رکھیں گے۔" جان ڈی نے کہا۔ "اور جب وہ ذرا بڑا ہو جائے گا تو وہ اسے جیل میں بند کر دیں گے۔"
بوبی اچھل پڑا۔ اس نے پہلے جان ڈی کو اور پھر مجھے دیکھا۔ اس کا منہ لٹکا ہوا تھا اور وہ رونے والا تھا۔ اچانک وہ جان ڈی پر پل پڑا اور اس کے سر پر دو ہتڑ مارنے اور سسکیاں لینے لگا۔
جب میں نے اسے چھڑانے کی کوشش کی تو اس نے مجھے بھی تھپڑ رسید کر دیا۔ لیکن اسے لڑائی نہیں کہا جا سکتا کیونکہ میں جان ڈی کے برابر کا تھا اور ہم دونوں اس سے کہیں زیادہ طاقتور تھے۔ چنانچہ ہمیں بوبی کو نیچے گرانے اور اس کے اوپر چڑھ کر بیٹھ جانے میں زیادہ دقت پیش نہ آئی۔
٭٭٭

رکی ہوئی آوازیں

سب سے پہلے حمد اس رب کی جو معاف کر دینے والا اور بے حد مہربان ہے اور جو جانتا ہے سب کچھ....؟
دلوں کے اندر اور باہر
اور جس سے چھپی ہوئی نہیں ہیں خباثتیں اور منافقتیں
فتنہ و فساد کرنے اور نفاس ڈالنے والوں کی
بے شک وہی بچانے والا ہے اپنے بندوں کو
بدی اور شر کے عفریتوں سے
اور دیوانے کتوں سے
اور آدمی آدمی جتنے بچھوؤں سے
جن کی سانسوں سے تعفن پھیلتا اور بادِ مشرق مسموم ہوتی ہے
اور وہی حکمرانی دیتا ہے زمین پر اور وارث بناتا ہے کمزوروں اور ناتوانوں کو جنہیں طبقات میں بانٹ کر کمزور کر دیتے ہیں فرعون۔
بے شک وہی تعریف کے لائق ہے۔
اور وہی ناتواں کو توانائی بخشنے والا ہے
اس کے بعد سناتے ہیں تمہیں ایک قصہ
اس عجیب شخص کا
جو بیٹھا رہتا تھا دن رات
اور دیکھتا رہتا تھا اس کو محبت کے ساتھ
اور سنتا تھا بہت اونچا
اور نہیں بول سکتا تھا ہر گز
کہ نہیں تھی اس میں بول سکنے کی قوت
اور کرتا تھا ساری بات اشاروں سے
اور پھر رو پڑتا تھا اپنی بے بسی پر، جب سمجھنے والا نہیں سمجھ سکتا تھا اس کی بات یا نہیں سمجھنا چاہتا تھا جان بوجھ کر۔
عذاب ان کے لئے نہیں جو جانتے نہیں ہیں۔
عذاب ان کے لئے ہے جو جاننا چاہیں تو جان سکتے ہیں مگر نہیں جاننا چاہتے اور نہیں جانتے
اور عذاب ہے ان کے لئے بھی ہے جو جانتے ہیں مگر نہیں مانتے اور وہ مصلحت کے کنوئیں سے باہر نکلنا چاہیں تو نکل سکتے ہیں مگر وہ نہیں چاہتے اور نہیں نکلتے اور جب لٹکاتے ہیں مسافر اپنی دستاریں ان کے لئے کہ ان کو پکڑ کر باہر آ جائیں تو کھینچ لیتے ہیں ہر دستار نیچے۔ پھر ٹھٹھا کرتے ہیں
اور نہیں جانتے کہ عنقریب ان کے غلیظ بدنوں کی بدبو دور تک پھیل جائے گی اور کوئی نہیں آئے گا ان کی مدد کو۔
سو وہ ٹھٹھا کرتے اس کی حرکتوں پر اور نہ ڈرتے اپنے رب سے اور کہتے کہ بنایا ہے انہیں رب نے بہتر اور مکمل اور دیا ہے حسن اور تندرستی اور مال کہ وہ اس کے حقدار تھے مگر وہ جو نہیں جانتے تھے ایسا۔
ترس کھاتے تھے اس شخص پر
جو پڑا رہتا تھا ایک جھونپڑی میں دن رات
اور گھورتا رہتا تھا اس مکان کو
جس کو تعمیر کیا تھا اس کے بزرگوں نے اور وہ تھے بڑے صبر والے اور محنت کرنے والے۔
سو وہ ڈھوتے رہتے تھے اپنی پیٹھوں پر
اینٹیں اور روڑے اور گارا اور چونا
اور جو جو سامان تعمیر کا درکار ہوتا
اور نہ پرواہ کرتے وہ سورج کی تمازت کی جب ان کے سروں پر چمکتا اور نہ ڈرتے وہ سُن کر دینے والی ٹھنڈی ہواؤں سے۔
اور لگے رہتے کام میں شب و روز تاکہ بنائیں ایسا پختہ اور بڑا مکان جس میں خوشی سے رہیں وہ
اور ان کے بچے
اور ان کے بچوں کے بچے
اور بچے رہیں موسم کی سختیوں اور تیزیوں سے
سو وہ بناتے رہے ایک عظیم مکان، پر شکوہ عمارت اور اٹھایا اسے پختہ اور گہری بنیادوں پر
تاکہ قائم رہے صدیوں تک اور نہ ڈگمگائے اور گرے بارشوں اور طوفانوں میں اور اس میں شگاف نہ پڑیں ژالہ باری سے
اور انہوں نے بنیادوں کو محکم کیا خون اور پسینے سے
تاکہ ٹیڑھی نہ ہو جائیں محرابیں، فصیلیں اور منڈیریں
جب زلزلے آئیں
اور گڑگڑاہٹ سنائی دے
سو وہ بناتے رہے ساری عمارت مطابق اس نقشے کے
جو ملا تھا انہیں اپنے بزرگوں سے ورثہ میں
اور نہ سنی انہوں نے حاسدوں کی بات جو کہتے تھے کہ عمارت نہیں ہے رہنے کے لائق
اور عذاب ان کے لئے بھی ہے جو ہمہ وقت ٹوہ میں رہتے ہیں۔ دوسروں کی کمزوریوں کی اور عیب جوئی کرتے ہیں دن رات مگر نہیں دیکھتے اپنی طرف اور کہتے ہیں تندرستوں سے کہ وہ ہیں بیمار اور معذور اور ایسے لوگوں کے لئے اللہ نے آگ بھڑکا رکھی ہے۔
اور عذاب ان کے لئے بھی ہے جو دیتے ہیں کورے کاغذوں کے تعویذ اور نہیں کرتے علاج.... مگر دیتے ہیں جھوٹی تسلیاں بیماری اور رنج سے نجات حاصل کرنے کی مگر وہ رنجیدہ نہ ہوئے حاسدوں کی بات سے اور طعنوں سے
اور بنایا خوب صورت عالی شان مکان
سامنے اس بچے کی آنکھوں کے
جو بڑا ہو کر سسکیاں بھرتا تھا
اور مکان کی حالت دیکھ دیکھ کر کڑھتا تھا
مگر وہ تھا بے بس اور ناتواں
اور وہ اسے چھوڑ کر چلے گئے تھے
پاس اپنے رب کے جو سب کا پالنے والا اور مارنے والا ہے
جسے چاہتا ہے اپنے پاس بلا لیتا ہے۔
سو اس نے بلا لیا اس کے باپ دادا کو باری باری
اور چھوڑ دیا بے آسرا اس کو جس کی آنکھوں کے سامنے تعمیر کیا گیا تھا مکان۔ بے شک اللہ نہایت حکمتوں والا اور رازوں کو جاننے والا ہے۔
پس جب وہ رہ گیا اکیلا
تو اسے لے لیا اپنی سپردگی میں
ان لوگوں نے
جو دعویٰ رکھتے تھے دوستی کا اور بھائی چارے کا اس سے اور اس کے باپ دادا سے۔
اور وہ کہتے تھے کہ وہ پرورش کریں گے اس کی
اور نگہداشت رکھیں گے مکان کی
اور نہ لیں گے کوئی چیز عوض اس کے بجز نیکی کے
اور دعوے کرتے تھے کہ وہ دستبردار ہو جائیں گے
اور چھوڑ دیں گے مکان
بعد بچے کی بلوغت کے
مگر وہ پھر گئے اپنے وعدوں سے
اور وہ تھے خود غرض
انہوں نے کھانے کو دیا بہت تھوڑا اور نہ بولنے دیا کسی بات پر اور منحرف ہو گئے ان وعدوں سے جو انہوں نے کئے تھے ان سے جو اب قبروں میں لیٹے تھے گہری نیند
اور عذاب ان کے لئے بھی ہے جو نہیں پہچانتے زندوں کو مگر پھول چڑھاتے ہیں قبروں پر اور یاد کر کے روتے ہیں ان کو جو اپنے وقت میں نہ پہچانے جانے کے صدمے سے مر گئے تھے۔
سو انہوں نے رو گردانی کی ان لفظوں سے جو انہوں نے ادا کئے تھے اپنی زبانوں سے اور کھاتے تھے یتیم کا مال
مگر نہیں بولنے دیتے تھے اسے ہرگز۔
اور سخت عذاب ہے ان کے لئے جو بے حرمتی کرتے ہیں معصوم لفظوں کی۔ اور لذت کی سیخوں میں پرو کر بے خطا لفظوں کو بھونتے ہیں۔ ہوس کے انگاروں پر اور بیچ دیتے ہیں خوشبو کو عوض پتھروں اور مردہ گوشت کے اور زیاں کرتے ہیں کاغذ اور سیاہی کا اور اپنی تحریر کی ہوئی سطروں کو پہچاننے سے انکار کر دیتے ہیں اور اللہ پسند نہیں کرتا سیاہی اور کاغذ کے زیاں کو کہ جس سے فروغ دیا جا سکتا تھا آسمانی کتابوں اور زمینی محبتوں کے قصوں کو۔
سو انہوں نے انحراف کیا .... اور پھر گئے اپنے وعدوں اور لفظوں سے اور دی اسے ایک روٹی۔
جسے لگی تھی سخت بھوک تین روٹیوں کی
اور وہ دبلا ہوتا چلا گیا
اور کہاں سے آتی اس میں قوت اور سکت
احتجاج کرنے کی
اور اپنا حق مانگنے کی
اور وہ شخص بھول گیا بولنا
اور اسے پتہ نہیں چلتا تھا کس طرح کرتے ہیں کلام
مگر اللہ جانتا ہے دلوں کے بھید
آخر چلے گئے وہ لوگ
بعد کئی برسوں کے چھوڑ کر مکان
مگر وصول کر لی انہوں نے پگڑی
اور ظاہر کرتے تھے خود کو اصل وارث
حالانکہ نہیں تھے وہ اصل وارث
اور وہ بول نہیں سکتا تھا کہ اسے نہیں سکھایا گیا تھا بولنا۔
نہ اجازت دی گئی تھی اس کی
اور وہ رہ گیا نئے مالکوں کے درمیان
اور وہ اسے ڈال دیتے تھے تھوڑا سا کھانا علیحدہ برتن میں
اس کی بھوک کا ایک چوتھائی
اور وہ کھا لیتا اکثر چرا کر
راتب نجس چوپائے کا
اور چن لیتا مرغیوں کے آگے سے دانہ دنکا
اور پی لیتا بہت سا ٹھنڈا یا گرم پانی
اور کمی پوری کر لیتا خوراک کی تاکہ زندہ رہے اور دیکھتا رہے اس عمارت کو۔ جو اس کے باپ دادا نے بنائی تھی۔
اور سناتے ہیں تمہیں قصہ اس عمارت کا
جو بنائی گئی تھی بڑی عالی شان
دو منزلہ
اور جس کا اصل وارث اسے حسرت سے تکتا رہتا تھا
پھر چلے گئے وہ لوگ بھی
اور لے گئے ساتھ اکھاڑ کر
مکان کی اوپر والی منزل
اور نیلام کیا بہت سا ملبہ
مگر وہ بول نہیں سکتا تھا اور نہ کر سکتا تھا کلام
اور نہ ہی اس میں جھگڑا کرنے کی سکت تھی
سو وہ دیکھتا رہا پاس کھڑا
اور روتا رہا اندر ہی اندر
اور خرید لیا باقی کا حصہ دوسرے لوگوں نے جو کم ظالم نہیں تھے اگلوں سے
سو انہوں نے نکال باہر کیا اسے
مگر دے دیتے تھے وہ بھی ایک روٹی
بجائے تین کے
پیاز کی گٹھلی کے ساتھ
مگر نہیں کرتا تھا وہ شکوہ کسی سے
اور بے شک وہ کر نہیں سکتا تھا اگر چاہتا بھی۔
مگر وہ رو سکتا تھا۔
اور روتا تھا۔ دیکھ دیکھ کر اکھڑی ہوئی اینٹوں کو
اور ٹوٹی ہوئی منڈیروں کو
اور وہ دیکھ بھال اور مرمت نہیں کرتے تھے مکان کی
اور نہ تھی انہیں کچھ محبت اس سے
پھر چھوڑ دیا اس نے کھانا اور پینا
اور پھینک دیتا باسی روٹی کوڑے پر
اور پیاز کی گٹھلی کو ٹھوکر مارتا پاؤں سے کہ دور جا پڑے اس سے
اور بھر لیتا پیٹ اڑنے والے پرندوں کے شکار سے
اور اللہ نے وافر کیا اس کے لئے شکار درختوں پر اور جھاڑیوں میں
اور مل جاتے نہایت لذیذ پھل۔ اور وہ نکال لیتا اپنے لئے کوئی نہ کوئی راستہ جب اسے بھوک لگتی۔
اور درد ناک عذاب ہے ان کے لئے جو بیٹھ جاتے ہیں راستوں میں گھنی چھاؤں دیکھ کر اور راستہ نہیں دیتے چلنے والوں کو
پھر جب وہ نکال لیتے ہیں نیا راستہ تو حسد کرتے ہیں اور برا بھلا کہتے ہیں چلنے والوں کو اور نہیں جانتے کہ عنقریب ان کے غلیظ بدنوں کی بدبو دور تک پھیل جائے گی۔
سو وہ نکال لیتا کوئی راستہ پیٹ بھرنے کا
اور بحال ہونے لگیں اس کی تمام قوتیں
اور وہ سننے لگا
آہٹیں اور آوازیں
اور پرندوں کا شور
اور بادل کے گرجنے کی آواز
اور جمع ہونے لگیں اس کے اندر آوازیں
اور برسوں کی رکی ہوئی باتیں
اور مچلنے لگے غصے اور جوش کے جذبات
اور پھٹنے لگا اس کا سینہ
رکی ہوئی باتوں اور آوازوں کے شور سے
اور سنا دیا ہم نے تمہیں ایک دلچسپ قصہ۔ اس شخص کا
جو ایک روز بادل کی طرح گرجے گا اور لرز جائیں گے
وہ سب اس کی آواز سن کر
جس میں برسوں کی رکی ہوئی چنگھاڑ ہو گی۔
٭٭٭

دیدۂ یعقوب

بیٹا اپنی آمد کے متعلق بتا رہا تھا مگر مجھے اس سے زیادہ دلچسپی نہیں تھی کہ وہ کس طرح آئے… پیاسی زمین کو اس سے کیا کہ بادل مشرق سے آئے یا مغرب سے؟ اسے تو بارش چاہیے۔ میرے لیے وہی فضائی کمپنی سب سے اچھی تھی جو اسے گھر لے آئے۔ اگرچہ ساتویں آٹھویں روز ہم اس کی آواز تو سن لیتے تھے مگر اسے دیکھے ہوئے اداسی کے بگولوں سے اٹے ہوئے بارہ مہینے دو دن اور العطش العطش پکارتی پیاسی راتیں ہو گئی تھیں۔ ٹیلی فون پر بات چیت شاید بالمشافہ ملاقات کا نعم البدل ہو مگر محبت لمس چاہتی ہے۔ مجھے یاد ہے جب شروع شروع میں اس کا فون آتا، بیوی اس سے بات کر کے رونے لگتی۔
میں کہتا "تمھیں تو خوش ہونا چاہیے۔‘‘ مگر وہ کہتی کہ اس کی آواز سن لیتی ہوں، دیکھ تو نہیں سکتی ناں۔ ایک بار بیٹے سے اس بات کا ذکر کیا تو کہنے لگا "اس کا انتظام بھی ہو جائے گا۔‘‘ عنقریب آپ لوگ انٹرنیٹ کے ذریعے آواز کے ساتھ میری تصویر بھی دیکھ سکیں گے۔‘‘ لیکن کیا اس سے ہماری تشفی ہو جائے گی؟
مجھے اس کے آنے کی خبر سن کر خوشی تو ہوتی ہے مگر زیادہ نہیں۔ کیونکہ اس کا مطلب ہے، سال دو سال کی پھر لمبی جدائی…!! مجھے اس کی متوقع آمد کا انتظار کھینچنا اور دل کی منڈیر پر کوے کا بولتے رہنا زیادہ اچھا لگتا ہے لیکن کاش وہ واپس نہ جاتا۔ میرے بس میں ہوتا تو کبھی اسے اتنی دور نہ جانے دیتا۔ جب ابا ہم سے ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئے، تو ایک روز میں نے حساب لگایا کہ وہ میری پیدائش کے بعد ۵۰؍ برس تک زندہ رہے۔ لیکن تعلیم اور ملازمت کی خاطر میں انھیں گاؤں میں چھوڑ کر شہر آگیا۔ میری عمر کے ۵۰؍ برسوں میں سے ابا جی کے حصے میں زیادہ سے زیادہ ۱۵ برس آئے ہوں گے۔
یہ حساب کر کے مجھے سخت صدمہ ہوا کہ ابا زندہ اور اِسی دنیا میں آباد تھے مگر میں ۳۵ برس اُن سے دور رہا اور کبھی اس دُوری کو محسوس تک نہ کیا۔ لیکن اب میرا اپنا بیٹا مجھ سے جدا ہوا تو مجھے ابا کے جذبات و احساسات کا کچھ کچھ اندازہ ہونے لگا۔
وہ ہر دوسرے تیسرے مہینے ملنے آ جا تے تھے اور جب تک قیام کرتے، ان کی خواہش ہوتی، مجھے دفتر سے چھٹی ہو اور میں دن رات ان کے پاس بیٹھا باتیں کرتا رہوں۔ مگر میں سال ۲ سال بعد گاؤں کا ایک آدھ چکر لگاتا تو مشکل سے ایک دو راتیں گزار پاتا، پھر مجھے شہر کی رونقیں، روشنیاں اور اپنی دلچسپیاں پکارنے لگتیں۔ بعض اوقات میں شام کو واپس چل پڑتا۔ وہ کہتے "یہ وقت تو گھر لوٹنے کا ہے تم جا رہے ہو؟‘‘ میں ضروری کام کا بہانہ کرتا، انھیں کیا بتاتا کہ میرا گھر تو کہیں اور ہے۔
مجھے یاد ہے ایک بار شام کے وقت جب میں روانہ ہو رہا تھا، وہ بڑے اداس اور پریشان تھے لیکن منہ سے کچھ نہیں کہا۔ سب لوگ مجھے بے وقت سفر کرنے سے روک رہے تھے مگر وہ خاموش رہے۔ رُخصت کرتے وقت ان سے رہا نہ گیا اور بولے "تمھاری ماں جی زندہ ہوتیں تو کیا تم تب بھی ایسا ہی کرتے؟‘‘ مجھ سے کوئی جواب نہ بن پڑا لیکن میرا دل نہ پسیجا اور اپنی مجبوری بتا کر چلا آیا۔ وہ رات اور ایسی کئی راتیں ابا نے کیسے کاٹی ہوں گی؟ مجھے اس کا اندازہ اب ہوا۔
میرے لڑکپن میں ابا کو داستانِ یوسف بہت پسند تھی۔ میرے شہر چلے جانے کے بعد وہ راتوں کو بلند آواز میں یہ قصہ پڑھتے۔ ماں جی بتاتی کہ و ہ زیادہ تر وہی حصے پڑھتے جن میں بیٹے کی جدائی میں حضرت یعقوبؑ کی حالت زار کا بیان ہوتا۔ یا پھر جب حضرت یوسفؑ کا قاصد بشیر ان کا کرتہ اور پھر یہ خوشخبری لے کر پہنچتا کہ آپ کا محبوب فرزند نہ صرف زندہ سلامت بلکہ مصر شہر کا والی بن چکا ہے۔ حضرت یعقوبؑ پھر بیٹے کا کرتہ اپنی نابینا آنکھوں سے لگاتے تو وہ روشن ہو جاتیں۔ ماں جی بتاتی کہ یہاں پہنچ کر تمھارے ابا کی آواز بھر جاتی اور وہ کوئی بہانہ کر کے پڑھنا چھوڑ دیتے۔ آخری عمر میں جب وہ پڑھ نہیں سکتے تھے، تب بھی لیٹے بلند آواز میں فراقیہ دوہڑے پڑھتے رہتے۔
٭٭

اگلے روز اس نے پھر فون کیا اور بتایا کہ اسے نشست نہیں مل رہی، اب وہ نیویارک جا کر قسمت آزمائی کرے اور اطلاع دے گا کہ کس پرواز سے آ رہا ہے۔ اگر اطلاع نہ دے سکا تب کراچی یا لاہور پہنچ کر فون کر دے گا۔ ورنہ ہم لوگ فکر نہ کریں، اسے گھر کا راستہ معلوم ہے، خود ہی پہنچ جائے گا۔
دو تین روز میں وہ ہمارے درمیان ہو گا اور ہم اسے دیکھ اور چھو سکیں گے… اس خوشگوار خیال سے دل میں مسرت آمیز ہلچل پیدا ہو گئی۔ آنکھوں کے سامنے بار بار اس کی صورت ابھرنے لگی۔
اس کی امی کا اصرار تھا کہ وہ عید سے کم از کم ایک روز پہلے ضرور پہنچ جائے۔ اس نے یقین دلایا تھا "امی آپ فکر نہ کریں۔ میں عید کی صبح کا آغاز آپ کے ہاتھوں کی بنائی دودھ سویوں ہی سے کروں گا‘‘۔ پھر بیٹے سے ٹیلی فون کا رابطہ ختم ہو گیا اور اہم اگلی کال کا انتظار کرنے لگے۔ گھر کا کوئی فرد جب بھی ٹیلی فون سن لیتا، وہ بپھری شیرنی کی طرح غرانے لگتی۔ مگر پورا ایک دن خراب فوٹوسٹیٹ مشین سے صاف کاغذ کی طرح نکل گیا اور انتظار کی لمبی رات شروع ہو گئی۔ آج اسے وعدے کے مطابق پہنچ جانا چاہیے تھا مگر ابھی تک اس کے روانہ ہونے کی اطلاع بھی نہیں آئی تھی۔
اس نے بھی بیٹے کے پسندیدہ کھانے بنانا اور انھیں فریج میں محفوظ کرنا شروع کر دیا۔ ماؤں کو یہ بڑی سہولت ہے۔ یوں محبت اور مامتا کے اظہار کا موقع ملتا اور مصروفیت میں وقت بھی اچھے طریقے سے گزر جاتا ہے۔ عورتوں کو یہ بڑی سہولت بھی حاصل ہے کہ وہ ہر موقع پر رو کر اپنے جذبات کا اظہار کرتی اور اپنے دل کا غبار نکال لیتی ہیں۔ یوں تو بعض مرد بھی ایسا کرنے میں باک محسوس نہیں کرتے مگر میرے جیسے دیہاتی پس منظر رکھنے والے مردوں کو ایسا کرنے میں اپنی مردانگی خطرے میں نظر آتی ہے۔ مجھے یاد ہے، جب میں پڑھائی کی خاطر پہلی بار گھر سے نکلا اور شہر جا رہا تھا تو گھر کی سب عورتوں نے مجھے آنسوؤں سے لبریز آنکھوں سے رخصت کیا۔ مگر ابا نے صرف خاموشی سے سر پر ہاتھ پھیرنے پر اکتفا کیا۔ لیکن وہ باوجود بار بار رومال سے ناک صاف کرتے ہوئے نزلے کی شکایت کر رہے تھے، وہ کیا تھا؟
وہ پریشر ککر کا ڈھکنا کھولتی، بند کرتی، ہنڈیا میں کفگیر چلاتی اور سل وٹے پر قیمہ پیستی ہوئی جب جی چاہتا، اسے یاد کر کے چند آنسو بہاتی اور معمول پر آ جاتی۔ مگر میرے اندر کا پریشر ککر ہلکی آنچ پر چڑھا رہتا… اتنی ہلکی آنچ کہ ویٹ میں لرزش پیدا نہ ہو نہ سیٹی کی آواز سنائی دے۔ یوں تو میں نے بھی عید کی خریداری کرتے وقت اس کی پسند کا خیال رکھا۔ کھانے پینے کی بہت سی چیزیں محض اسی کے لیے خرید لیں مگر بھرم کی خاطر اعلان نہیں کیا۔ ویسے بھی کھانے پینے کا شعبہ خواتین سے مختص ہے۔ میں بتا دیتا تب بھی سہرا اسی کے سر بندھتا۔
ماں جی بھی ایسا ہی کرتی تھیں۔ جس روز میری آمد متوقع ہوتی وہ میری پسند کی چیزیں پکا پکا کر رکھتی جاتیں، گاؤں کی دکان سے برفی اور جلیبیاں منگاتیں۔ موسمی پھل اور کھانے پینے کی چیزیں بیچنے والے گھر کے قریب سے دھوکا دے کر خالی نہ گزر سکتے۔ ابا کہتے "یہ ۵؍ روز مری رہتی اور ہفتے کے روز مشین بن جاتی ہے۔‘‘
کام کاج کرنے کے بعد بھی وقت بچ جاتا تو اپنا چرخہ اٹھا کر چھت پر لے جاتیں اور شہر سے آنے والے راستے کی طرف رخ کر کے انتظار کی پر شوق پونیاں کاتنے لگتیں۔ میری بائیسکل کے پہیے اور ماں جی کا چرخہ ایک ساتھ گھومتے۔ واپسی کا سفر مجھے ہمیشہ آسان لگتا۔ ہوا مخالف ہوتی تب بھی لگتا، پکی ڈور سے بندھا کھنچا چلا جا رہا ہوں… ابا کو بھی اس روز باہر کے سارے کام بھول جاتے اور وہ گھر میں رہنے کا کوئی بہانہ اور مصروفیت تلاش کر لیتے۔
لکڑیاں چیرتے، ٹوٹی چارپائیاں مرمت کرتے یا ان کی ادوائنیں کستے… مگر ظاہر نہ ہونے دیتے کہ وہ ہفتے بھر کے ملتوی گھریلو کام کاج آج ہی کیوں انجام دے رہے ہیں؟ مگر میرے پاس مصروف رہنے اور وقت گزارنے کا بہت سا جدید ساز و سامان موجود ہے۔ کتابوں میں جی نہ لگے تو آڈیو، ویڈیو کیسٹیں، ڈی وی ڈی اور سی ڈیاں ہیں۔ جب چاہوں ایچ ٹو ایچ گھومنے والے ڈش انٹینا پر مختلف ممالک کے دل بہلانے والے پروگرام دیکھ سکتا، کمپیوٹر پر ٹائپنگ کی مشق کر سکتا، شطرنج کھیل اور انسائیکلوپیڈیا کی فائل کھول کر پہروں مصروف رہ سکتا ہوں۔
وہ کھانے پکاتی رہی اور میں ٹی وی دیکھتا اور موسیقی سنتا رہا مگر اس کے باوجود لگا جیسے رات کا بحراوقیانوس ہم نے کشتی کے بغیر ہاتھ پاؤں مار مار کر عبور کیا ہے۔ جاگنے کے باوجود آخری سحری میں کسی نے پیٹ بھر کر نہ کھایا۔ کئی بار ٹیلی فون کی گھنٹی بجنے کا گمان ہوا، مگر وہ خاموش تھا۔
وہ باورچی خانے میں بیٹھی سویاں پکاتے ہوئے آنسوؤں کا نمک بہا رہی تھی کہ ٹیلی فون کی گھنٹی بجی، مگر سلسلہ منقطع ہو گیا۔ دو تین مرتبہ ایسا ہوا۔ اندازہ ہو رہا تھا کہ دور سے فون آ رہا ہے، وہ کوشش کر رہا ہے مگر ہجوم کی وجہ سے سلسلہ قائم نہیں ہو رہا۔ اس سے اندازہ تو ہو گیا کہ وہ خیریت سے ہے۔ مگر یہ سوچ کر ہم مزید اداس ہو گئے کہ وہ ابھی تک وطن سے دور ہے مگر کہاں؟ اس کا کچھ پتا نہ چل سکا۔ کیونکہ فون پہلے کی طرح پھر خاموش ہو گیا اور رات بھر خاموش رہا۔
معلوم نہیں مجھے بیٹے اور ابا کی یاد ایک ساتھ کیوں آ رہی تھی؟ شاید اس لیے کہ ان کی بھی میرے بیٹے سے بڑی دوستی رہی۔ اپنے پوتوں اور نواسوں میں وہ سب سے زیادہ پیار اسی سے کرتے تھے۔ کئی بار چھٹیوں میں اسے اپنے ساتھ گاؤں لے جاتے اور خوب خاطریں کرتے۔ انھوں نے چارہ لادنے کے لیے ایک گدھی رکھی ہوئی تھی جس کے ساتھ اس کی بچھیری بھی تھی۔ انھوں نے پہلی بار اسے گدھی پر سوار کیا تو کہنے لگا "داداجی! اس کا ہینڈل کہاں ہے؟‘‘
وہ بہت محظوظ ہوئے اور اس کی رسی تھماتے ہوئے بولے "یہی اس کا ہینڈل ہے۔‘‘ کچھ عرصہ بعد وہ شہر آئے تو اس نے گدھی کی خیریت معلوم کی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اور اس کی بچی دونوں بیمار ہو کر مر گئیں۔ اسے بہت افسوس ہوا۔ اس نے محلے کے ہر گھر میں بتایا کہ داداجی کی کھوتیاں مر گئی ہیں۔ کچھ پڑوسنیں اس کی امی کے پاس افسوس کرنے آئیں اور یہ پوچھنا ضروری سمجھا کہ کیا تم لوگ پیچھے سے کمہار ہو؟ اس پر ہم سب نے اسے خوب ڈانٹا۔
پھر جب وہ کالج میں پڑھتا تھا، تو گاؤں گیا۔ لیکن کچھ دن بعد اداس ہو گیا۔ ایک روز اپنے داداجی سے کہنے لگا "میں واپس گھر جانا چاہتا ہوں۔‘‘
"یہ بھی تو تمھارا اپنا گھر ہے۔‘‘
"میں یہاں "بور‘‘ ہو رہا ہوں۔‘‘
"وہ کیا ہوتا ہے؟‘‘
ابا بتاتے تھے کہ تب انھیں معلوم نہ تھا،" بور ہونا‘‘ کیا ہوتا ہے اور نہ ہی کبھی" بور‘‘ ہوئے تھے۔ مگر پھر وہ بھی بور ہونے لگے۔ جب زیادہ بور ہو جاتے تو کرایہ لے کر ہمیں ملنے شہر آ جاتے۔ جب بیٹا امریکہ سدھار گیا، تو کچھ عرصے بعد ایک روز میرے ہاتھ پندرہ بیس برس پرانی ڈائری لگ گئی۔ پہلے صفحے پر ایک ضروری نوٹ درج تھا:
مجھے یاد آیا،میں نے اسے سبحان تیری قدرت پکارنے والے کالے تیتر کی ایک من گھڑت کہانی سنائی تھی۔ وہ اسے اس قدر پسند آئی کہ رات دس بجے ضد شروع کر دی "مجھے ابھی کالا تیتر لا کر دیں۔‘‘ میں نے اسے ٹالنے کے لیے کہہ دیا کہ سردیوں میں کالے تیتر گرم علاقوں میں چلے جاتے ہیں۔ گرمیوں میں واپس آئیں گے تو لا دوں گا۔ اس نے کہا "ابو آپ بھول جائیں گے۔‘‘
میں نے کہا "نہیں بھولوں گا، ضرور لا دوں گا۔‘‘ مگر اس کا اندیشہ دور نہیں ہوا۔ تب میں نے اسے یقین دلانے کے لیے ڈائری نکالی اور اس پر لکھا:
ضروری نوٹ: گرمیوں میں عامر کو کالا تیتر لا کر دینا ہے۔ اس نے کہا، یہ بھی لکھیں کہ بھولنا ہرگز نہیں۔ میں نے یہ بھی لکھ دیا۔ تب کہیں جا کر اس کی تسلی ہوئی اور وہ مطمئن ہو کر سو گیا کہ اب گرمیاں آتے ہی ابو کو کالا تیتر لانا پڑے گا۔ کیونکہ یہ ان کی ڈائری میں لکھا جا چکا۔ وہ ٹھیک ہی سمجھا تھا کہ لکھا ہوا مٹایا نہیں جا سکتا۔ مگر گرمیاں آنے تک میں ہی نہیں اسے بھی وعدہ بھول گیا۔ لیکن لکھا ہوا اب تک موجود تھا۔ تحریر بڑی ظالم چیز ہے، آدمی بھول جائے یا مٹ جائے تب بھی رہتی ہے۔
وقت بھی بڑا سنگ دل اور تیز رفتار ہے۔ ابھی کل کی بات ہے کہ وہ میری انگلی پکڑ کر چلتا، اب مجھے مشورے اور ہدایات لکھ لکھ کر بھیجتا ہے۔ چھوٹی چھوٹی فرمائشیں کرنے اور حقیر چیزوں سے بہل جانے والا اب میرے لیے قیمتی تحائف لاتا ہے۔ میں بھی ابا کے لیے ہر بار نئے کپڑے، سویٹر اور گرم چادر وغیرہ لے جاتا تھا اور سمجھتا، ان کے سب دکھ دور ہو گئے۔ لیکن کیا چیزیں اور تحائف جدائی کے زخم مندمل کر سکتے ہیں؟
رات کا آخری پہر شروع ہو گیا مگر ٹیلی فون اب تک خاموش تھا۔ میں چاہتا تھا کہ کچھ دیر ضرور سو لوں ورنہ بیمار پڑ جاؤں گا مگر نیند بالکل نہیں آ رہی تھی۔ پتا نہیں اس وقت کس ملک کے کس شہر میں ہو گا یا کن پانیوں پر اس کا جہاز پرواز کر رہا ہو گا۔ کمرہ اس کی یادوں سے پٹا پڑا تھا۔
جب وہ بہت چھوٹا تھا، میں منہ سے سیٹی نکال کر اسے پکارتا۔ وہ سیٹی پہچانتا تھا۔ گھر میں جہاں کہیں ہوتا، سیٹی سن کر پالتو جانوروں کی طرح دوڑتا ہوا فوراً پہنچ جاتا۔ اسے پکارنے کی یہ عادت اس کے ساتھ ہی پختہ ہوتی گئی۔ جب وہ میڈیکل میں داخلے کے بعد بہاولپور چلا گیا تو میں اپنی اداسی کا اظہار سیٹی سے کرتا۔ لیکن جب مجھے احساس ہوا کہ اس کی امی پہچاننے لگی ہے کہ یہ عام سیٹی نہیں، میں اسے یاد کر رہا ہوں تو میں نے بجانا چھوڑ دیا۔ ان عورتوں کو پتا نہیں چلنا چاہیے کہ میں اندر سے کتنا کمزور ہوں۔
مجھے یاد آیا کہ جس روز اس کا ویزہ لگا، وہ جتنا خوش تھا، ہم اتنے ہی اداس تھے۔ اس کی امی بہت روئی۔ میں بھی اسی کی آنکھوں سے رو لیا تاکہ اپنی آنکھیں خشک رکھ کر اسے ہمت و حوصلے سے رخصت کر سکوں۔ مجھے یقین ہے کہ میری آنکھیں بھی تر ہو جاتیں تو وہ حوصلہ ہار جاتا اور اپنا جانا موقوف کر دیتا۔ رخصت ہوتے وقت وہ بہت پر جوش تھا۔ اس کی آنکھوں میں نئی منزلوں کی چمک اور سہانے خواب تھے۔
چند ماہ پہلے میں نے فیصلہ کر لیا کہ اس بار ٹیلی فون آیا تو اسے واپس آنے پر قائل کرنے کی کوشش کروں گا۔ مگر جس روز ٹیلی فون آیا، ایٹمی دھماکے کی خوشی میں ڈالر کا نرخ دُگنا ہو گیا اور میں چپ ہو گیا… ماواں تو ویریا بچھڑے…!
٭٭

وہ سو رہی تھی، اندیشوں، واہموں اور یادوں سے بے نیاز۔ میں نے اٹھ کر نیند کی گولی کھائی اور دوبارہ بستر پر لیٹ کروٹیں بدلنے اور یادوں کی جگالی کرنے لگا۔ مجھے یاد آیا، جب وہ بہت چھوٹا تھا، ہمارے درمیان سوتا۔ اسے میرے یا اپنی امی کے گال پر ہاتھ رکھ کر سونے کی عادت تھی۔ ہاتھ ہٹایا جاتا تو جاگ پڑتا یا پھر نیند ہی میں دوبارہ وہیں رکھ لیتا۔ شاید اسے اس لمس سے سوتے میں تحفظ کا احساس رہتا تھا۔ رفتہ رفتہ ہمیں بھی اس کے ہاتھ کی عادت ہو گئی۔
لیکن اب سال دو سال بعد وہ چند دنوں کے لیے آئے، تو ہم اسے پہلے کی طرح بار بار لپٹا نہیں سکتے، پیار نہیں کر سکتے اور ہاتھ اپنے گال پر رکھ کر سو نہیں پاتے۔ وہ قریب بیٹھا باتیں کرتا رہے، اسی کو بہت جانتے ہیں۔ مگر وہ کہاں کھو گیا؟ اس نے فون کیوں نہیں کیا؟ کیا اس کی عید بھاگ دوڑ یا سفر میں گزر گئی؟ عید کے موقع پر گھر پہنچ نہ سکنے کا کس قدر ملال ہو گا۔ انہی خیالات میں کھویا میں نجانے کب سو گیا۔ سو گیا یا شاید جاگو میٹی سپنا دیکھا۔
کیا دیکھتا ہوں کہ وہ میرے پہلو میں لیٹا ہے اور اس کا ننھا سا ہاتھ میرے گال پر ہے۔ میں اس کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھ دیتا ہوں مگر وہ بڑا اور سخت ہوتا جاتا ہے۔ میں چونکتا ہوں۔ اس کی امی کمرے میں نہیں، نیچے کی منزل سے باتوں کا شور سنائی دے رہا تھا اور وہ میرے سرہانے بیٹھا تھا… میں نے اسے لپٹا لیا اور احتیاط کے سارے بندھن توڑ کر میری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
٭٭٭

٭٭٭
مرحوم منشا یاد میں ایک نذر عقیدت۔ مرحوم موت سے ایک دو ہفتے پہلے اپنی کتابوں کو میری برقی کتابوں میں شامل کرنا چاہ رہے تھے۔ لیکن افسوس کہ فائلیں نہ بھیج سکے۔ امید ہے کہ ان کی روح میرے اس اقدام سے خوش ہی ہو گی۔
اعجاز عبید

ماخذ:
http://www.urdunagri.com/controller.php?action=Auther_List&nId=44
http://www.urdudigest.pk/2012/01/deeda-e-yaqoob/
http://adbistan.wordpress.com/2010/08/24/منشا-یاد-کا-افسانہ-تماشا-سانحہ-سیالکو/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

رکی آوازیں اور دوسرے افسانے