رنگ کہتے ہیں
خالد احمد
جمع و ترتیب اعجاز عبید
ترکِ تعلقات پہ رویا نہ تو نہ میں
لیکن یہ کیا کہ چین سے سویا نہ تو نہ میں
حالات کے طلسم نے پتھرا دیا مگر
بیتے سموں کی یاد میں کھویا نہ تو نہ میں
ہر چند اختلاف کے پہلو ہزار تھے وا کر سکا مگر لبِ گویا نہ تو نہ میں
نوحے فصیلِ ضبط سے اونچے نہ ہو سکے
کھل کر دیارِ سنگ میں رویا نہ تو نہ میں
جب بھی نظر اٹھی تو فلک کی طرف اٹھی
برگشتہ آسمان سے گویا نہ تو نہ میں
٭٭٭
رنگ کہتے ہیں کہانی میری کس کی خوشبو تھی جوانی میری
کوئی پائے تو مجھے کیا پائے کھوئے رہنا ہے نشانی میری
کوہ سے دشت میں لے آئی ہے دشمنِ جاں ہے روانی میری
کِھل رہی ہے پسِ دیوارِ زماں خواہشِ نقل مکانی میری
سرِ مرقد ہیں سبھی سایہ کشا کوئی حسرت نہیں فانی میری
تپشِ رنگ جھلس ڈالے گی کیا کرے سوختہ جانی میری
نقش تھا میں بھی گِلی تختی کا اُڑ گئی خاکِ معانی میری
کیا سخن فہم نظر تھی جس نے بات کوئی بھی نہ مانی میری
ناقدوں نے مجھے پرکھا خالد خاک صحراؤں نے چھانی میری ٭٭٭
وہ چرچا، جی کے جھنجھٹ کا ہوا ہے کہ دل کا پاسباں کھٹکا ہوا ہے
وہ مصرع تھا کہ اک گل رنگ چہرہ ابھی تک ذہن میں اٹکا ہوا ہے
ہم اُن آنکھوں کے زخمائے ہوئے ہیں یہ ہاتھ، اس ہاتھ کا جھٹکا ہوا ہے
یقینی ہے اب اس دل کی تباہی یہ قریہ، راہ سے بھٹکا ہوا ہے
گلہ اُس کا کریں کس دل سے خالد یہ دل کب ایک چوکھٹ کا ہوا ہے ٭٭٭
دیکھا نہ ہمیں تو نے خط و خال سے آگے
اک شہر تھا، اس شہرِ مہ و سال سے آگے
اک دشتِ رضا تھا، اسی رستے کے کنارے
اے راست روو! اس رہِ پامال سے آگے
چھوڑا نہ کسی پل، تری یکتائی کا پیچھا
سوچا نہ گیا کچھ، تری تمثال سے آگے
اے زینۂ دہلیزۂ مستقبل و ماضی اک سال، بہرحال تھا، ہر سال سے آگے
رنگِ رم و رفتارِ زمانہ نہیں بھولے دیکھا نہ قدم بھر کے تری چال سے آگے
ہم معتکفِ دائرہ عشق تھے، ہم نے رکھا نہ قدم سایہء مہ سال سے آگے
اے ماتمئ نائرۂ ہائلۂ دل
اک سانس تو چل! اس غمِ نَو سال سے آگے
کچھ ٹوٹ رہا تھا، کہیں کچھ پھوٹ رہا تھا صورت گریِ عالمِ امثال سے آگے
ماضی کو جہنم کی طرح سر پہ اٹھائے نکلیں تو ہم اس ہاویۂ حال سے آگے
اے ماں! ترے بیٹے کہیں گونگے تو نہیں ہیں
ہر لفظ تھے غیر اب، ترے ہر لال سے آگے
انسان کی پستی کی کوئی حد نہ تھی لیکن
اُترا نہ کوئی تال میں پاتال سے آگے
یہ معجزۂ حوصلۂ دل زدگاں تھا خالد یہ اڑانیں تھیں پر و بال سے آگے ٭٭٭
رنگ کہتے ہیں کہانی میری کس کی خوشبو تھی جوانی میری
کوئی پائے تو مجھے کیا پائے کھوئے رہنا ہے نشانی میری
کوہ سے دشت میں لے آئی ہے دشمنِ جاں ہے روانی میری
کھِل رہی ہے پسِ دیوارِ زماں خواہشِ نقل مکانی میری
سرِ مرقد ہیں سبھی سایہ کشا کوئی حسرت نہیں فانی میری
تپشِ رنگ جھلس ڈالے گی کیا کرے سوختہ جانی میری
نقش تھا میں بھی گِلی تختی کا اُڑ گئی خاکِ معانی میری
کیا سخن فہم نظر تھی جس نے بات کوئی بھی نہ مانی میری
ناقدوں نے مجھے پرکھا خالد خاک صحراؤں نے چھانی میری ٭٭٭
وہ نم نمو، میں زمینِ کرختِ صحرا ہوں
کہوں تو کیا کہ ہم آہنگِ بختِ صحرا ہوں
امڈ پڑے ہیں بیاباں، اجاڑ آنکھوں میں
میں اپنی ذات میں اب ایک لختِ صحرا ہوں
وہ ساتھ چھوڑ تو دے میری ہم نصیبی کا
یہ مسئلہ ہے کہ میں ساز و رختِ صحرا ہوں
اجڑ گیا مرا صحرا غبار کر کے مجھے سنور رہا ہوں کہ تحریرِ بختِ صحرا ہوں
نگل لیا ہوسِ قیس پیشگی نے مجھے قتیلِ تہلکۂ تاج و تختِ صحرا ہوں
کہو کہ ریگِ رواں بھی گلال لگتی ہے کہو کہ لالۂ صحرا ہوں، بختِ صحرا ہوں
کھڑا ہوں سوکھی ہوئی ٹہنیاں اٹھائے ہوئے
"نظر ہے ابرِ کرم پر ، درختِ صحرا ہوں"
ہوا بٹا نہ سکی میرا بارِ غم خالد
وہ جانتی تھی کہ میں ریگِ سختِ صحرا ہوں
٭٭٭
پسِ الفاظ
بس اتنا سوچ کر چپ ہیں
پسِ اظہار کیا ہوگا
کہ جب ہم دار پر ہونگے
ترا کردار کیا ہوگا
اگر ہم !
حال بھی دے ڈالیں
مستقبل بچانے کے لیے ۔۔۔۔۔۔تو؟
شمع گُل کر دیں اگر سورج جلانے کے لیے تو ؟
اپنی پہنائے کہ ہاتھوں گھر سے بے گھر ہو چکے ہیں
آسمان اب مل بھی جائے سر چھپانے کے لیے تو؟
زندگی کا زہر کب سے پی رہیں ہیں کون جانے کس طرح ہم جی رہیں ہیں
کیا کہیں !
تب لوگ چپ نا رہتے تھے
اب لوگ کچھ کہتے نہیں
یہ تو سمے کی بات ہے
دن ایک سے رہتے نہیں
کب؟
لوٹ آئیں وہ زمانے ،کون جانے
کیا خبر پھر میر بھی آہستہ بولیں
خود ہمارے ہی سرہانے ،کون جانے
اور ۔۔۔کیا معلوم ،خدامِ ادب ہی
کب چلے آئیں جگانے ،کون جانے
پھر تراشیں کیا بہانے
ہم
بس اتنا جان کر خوش ہیں
سرِ گلزار کیا ہوگا
ہمارے خون سے بڑھ کر
تجھے درکار کیا ہوگا
٭٭٭
رات لبوں پر کیا کیا برسا ابر تری مہمانی کا
پیاس کا جھولا جھول رہا تھا ایک کٹورا پانی کا
آنکھ میں نیند کا کاجل بھر کے، کھینچ کے خوابوں کے ڈورے
تھپک تھپک کے بھوک سلا دی، جوڑ کے تار کہانی کا
کتنے سیہ فاقوں کے جلو میں کتنی صدیاں بیت گئیں
لیکن پرجا بھول نہ پائی قصہ راجا رانی کا
پتھر چن چن ڈھیر بنایا، چھت کے لیے کڑیاں نہ جڑیں
غربت سب سے بڑا سچ نکلی، جھوٹا مان جوانی کا
کتنی باتیں دل میں رکھ کر، کتنی باتیں کہہ جانا
میری رگ رگ میں، نس نس میں، زہر تھا گل افشانی کا
تو بھی پڑھ لکھ، اب تو ہوا بھی پڑھنا لکھنا سیکھ گئی
دیکھ گھروندے الٹ رہا ہے شوق ورق گردانی کا
نام پیمبر بیچ میں رکھا، شہرت کی انٹی کے لیے
اہلِ ہوس کی نیت میں تھا بھاؤ بس اک کنعانی کا
کھٹ کھٹ لاٹھی ٹیکتی بڑھیا اور ہواؤں سی کٹیا
خشک گھڑونجی پر اوندھا تھا ذوق فرات فشانی کا
چاند کے گھر میں سورج اب کے کتنی راتیں ٹھہرے گا
تیرے لبوں تک کب آئے گا نام ترے زندانی کا
کس دن تک دن پھر جائیں گے، کون سے گھاٹ لگائیں گے
مجھ سے تو کھل کر کہہ خالد جھوٹ ستارہ دانی کا
٭٭٭
شکل شکل زندانی، سحرِ بے رخی کی ہے آزروں کی بستی میں، دھوم سامری کی ہے
چپ کا زہر پی لینا، غم کے ہونٹ سی لینا
مصلحت نہیں یارو، بات بے حسی کی ہے
راہ راہ دیواریں، گام گام بے گاریں
شہرِ سنگ میں کیوں کر میں نے زندگی کی ہے
چند سردمہروں نے، چاند چاند چہروں نے
آفتاب سے بڑھ کر دل میں روشنی کی ہے
عکس ہوں، ہیولیٰ ہوں، بے سکوں بگولا ہوں
جسم آشنا خالد، روح اجنبی کی ہے
٭٭٭
دل بھر آئے تو سمندر نہیں دیکھے جاتے
عکس ، پانی میں اتر کر نہیں دیکھے جاتے
دیکھ اے سست روی ، ہم سے کنارا کر لے
ہر قدم ، راہ کے پتھر نہیں دیکھے جاتے
وہ چہک ہو کہ مہک ، ایک ہی رخ اڑ تی ہے
بَر سرِ دوش ہوا ، پَر نہیں دیکھے جاتے
دیکھ ، اے سادہ دِل و سادہ رُخ و سادہ جمال
ہر جگہ ، یہ زر و زیور نہیں دیکھے جاتے
اپنے ہاتھوں میں لکیروں کے سوا کچھ بھی نہیں
دَرد مَندوں کے مقدّر نہیں دیکھے جاتے
سرگرفتوں کے لئے گھر بھی قفس ہیں خالد
ہِمَّت اے خیرہ سرو! سر نہیں دیکھے جاتے
٭٭٭
اک اجاڑ بستی کا اک اداس جادہ تھا اور بادیہ پیما ایک مستِ بادہ تھا
حسنِ کم نگاہی پر عمر بھر نہ کھل پایا
دل کی بند مٹھی میں ایک حرف سادہ تھا
عمر بھر کے غم لے کے چشم نم اُمڈ آئے وجہ ِ گرم بازاری اک غلام زادہ تھا
ہر محل پہ سایہ تھا کچھ دراز پلکوں کا
خواب خواب آنکھوں میں ایک شاہ زادہ تھا
بادشاہ کے گھر تک آنچ کس طرح آتی اس بساط پر باقی اب تک اک پیادہ تھا
صبر کا علم اب تک سربلند تھا لیکن شہرِ گنگ میں چرچا جبر کا زیادہ تھا
قافلے ہواؤں کے دل بہ کف گداؤں کے دشت میں نکل آئے، شہر کا ارادہ تھا
شاخ شاخ تھی جس کی، کل بہار پیرایہ وہ ہزار پیراہن آج بے لبادہ تھا
ایک دن تو دھلنا تھے داغ نارسائی کے
ہم بھی جانتے تھے یہ قتل بے ارادہ تھا
شکوہ کج ادائی کا، رنج نا رسائی کا اور پارسائی کا، ہر سخن اعادہ تھا
شہر ِ ہجر میں خالد دوست دو ہمارے تھے
اک چراغِ جادہ تھا، اک رُخِ کشادہ تھا
رات کی سیاہی بھی پڑ رہی تھی کم خالد
اک چراغ زادہ تھا، اک چراغِ جادہ تھا
٭٭٭
ماخذ: اردو ورلڈ ڈاٹ کام اور دوسری مختلف ویب سائٹس
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
رنگ کہتے ہیں
خالد احمد
ترتیب و تدوین: اعجاز عبید
غزلیں
رنگ کہتے ہیں کہانی میری
کس کی خوشبو تھی جوانی میری
کوئی پائے تو مجھے کیا پائے
کھوئے رہنا ہے نشانی میری
کوہ سے دشت میں لے آئی ہے
دشمنِ جاں ہے روانی میری
کِھل رہی ہے پسِ دیوارِ زماں
خواہشِ نقل مکانی میری
سرِ مرقد ہیں سبھی سایہ کشا
کوئی حسرت نہیں فانی میری
تپشِ رنگ جھلس ڈالے گی
کیا کرے سوختہ جانی میری
نقش تھا میں بھی گِلی تختی کا
اُڑ گئی خاکِ معانی میری
کیا سخن فہم نظر تھی جس نے
بات کوئی بھی نہ مانی میری
ناقدوں نے مجھے پرکھا خالد
خاک صحراؤں نے چھانی میری
٭٭٭
وہ چرچا، جی کے جھنجھٹ کا ہوا ہے
کہ دل کا پاسباں کھٹکا ہوا ہے
وہ مصرع تھا کہ اک گل رنگ چہرہ
ابھی تک ذہن میں اٹکا ہوا ہے
ہم اُن آنکھوں کے زخمائے ہوئے ہیں
یہ ہاتھ، اس ہاتھ کا جھٹکا ہوا ہے
یقینی ہے اب اس دل کی تباہی
یہ قریہ، راہ سے بھٹکا ہوا ہے
گلہ اُس کا کریں کس دل سے خالد
یہ دل کب ایک چوکھٹ کا ہوا ہے
٭٭٭
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)