افسانے، ناول و کہانیاں

روسی افسانے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (18,016 الفاظ)

روسی افسانے

ترجمہ و ترتیب: سعادت حسن منٹو

انتساب

’’ فکر احمر‘‘ کے نام

مقدمہ

روس کو مغربی تہذیب کا آخری بچہ کہا جاتا ہے۔ مغربی ممالک کی نسبت روس کی نشاة ثانیہ دو صدی بعد شروع ہوئی۔ تاہم روس نے ایسے ادیب اور مفکر پیدا کئے ہیں جن پر فکر انسان نازاں ہے۔ انیسویں صدی میں روسی مفکروں کی شہرت ماسکو سے نکل کر برلن، پیرس، لندن اور نیویارک تک جا پہنچی۔
انیسویں صدی کے آخری نصف میں روس میں دو ادبی دیو نمو دار ہوئے۔ طالسطائی اور داسطوفسکی کی شہرت مملکت زار سے نکل کر اکناف عالم میں پھیل گئی۔ دونوں زندگی، کردار، نفسیات اور انشا میں ایک دوسرے سے بالکل مختلف تھے، تاہم دونوں کی تصانیف نے’’ ملت احمر‘‘ کے لئے بانگ درا کا کام کیا۔ دونوں ایک ہی منزل مقصود کی طرف مختلف راستوں سے گامزن تھے۔ دونوں کے افکار و آرا میں حیات نو کی تڑپ موجود ہے، دونوں کے ادبی کردار روس کی متحرک تصاویر ہیں۔
طالسطائی امیر خاندان کا چشم و چراغ تھا لیکن داسطو فسکی مفلوک الحال تھا۔ غریب خاندان کے لئے، زار کے ایوان عدل سے داسطوفسکی کی موت کا فتوی صادر ہوا لیکن بعد میں اسے سائبیریا بھیج دیا گیا۔ ان مصائب نے داسطوفسکی کو انسانی فطرت سے آشنا کر دیا۔
طالسطائی1828ء میں پیدا ہوا، ابتدائی تعلیم کے بعد وہ قازان یونیورسٹی میں داخل ہوا، چند سال بعد وہ سینٹ پیٹرز برگ میں دیکھا گیا، اس کی آوارگی نے طالسطائی کے بھائی نکولس کو مجبور کر دیا کہ وہ اسے فوجی ملازمت کی ترغیب دے چنانچہ1851ء میں وہ کاکیشیا چلا گیا۔ سبزہ و گل کی کثرت حسن کی سادگی اور کا کیشیا کی دہقانی دلچسپیوں نے نوجوان ذہن کی خوب تربیت کی حسن و عشق کی اس سر زمین میں طالسطائی نے قلم اٹھایا۔
1853ء میں وہ کریمیا گیا جہاں تلواروں کے سایہ میں اس نے ’’ داستان سبا ستول‘‘ لکھی۔
1860ء میں نکولس کی موت کے باعث اسے واپس جانا پڑا۔ دو برس بعد اس نے شادی کی۔ اسی زمانہ میں ’’ جنگ اور صلح‘‘ اور ’’اینا کرینا‘‘ شائع ہوئیں۔1870ء کے قریب اس کے زاویہ نگاہ میں نمایاں تبدیلی واقع ہوئی اور آرٹ کی جگہ حقیقت نے لے لی۔ اس نے دہقان کی سادہ زندگی بسر کرنے کی تلقین شروع کی چنانچہ تمدن، ریاست، قانون، کلیسا اور ادب طالسطائی کی نگاہوں میں انسانیت کے منافی تھے۔1910ء میں وہ بے سرو سامانی کی حالت میں گھر سے نکل پڑا لیکن بہت جلد وہ ایک غیر معروف ریلوے اسٹیشن پر بے جان نظر آیا۔
روسی افسانوں کے اس مختصر مجموعہ میں آپ طالسطائی کے دو افسانے’’ شراب اور شیطان اور ’’ تین سوال‘‘ پائیں گے۔
’’ شراب اور شیطان‘‘ میں طالسطائی نے یہ ظاہر کیا ہے کہ جب انسان کے پاس کچھ نہیں ہوتا تو وہ صبر و سکون سے کام لیتا ہے لیکن جونہی اس کے پاس ضرورت سے زیادہ ہوا، وہ فوراً گناہ اور عصیان میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
کسان اپنا کھانا گم ہونے پر بھی صبر و سکون کے دامن کو ہاتھ سے نہیں کھوتا لیکن جب کسان کے پاس غلہ کی کثرت ہو جاتی ہے تو اس کا کردار تبدیل ہو جاتا ہے۔ صبر و توکل والا کسان غصہ اور جوش کو کام میں لاتا ہے۔ اس کی سادگی، معصیت اور سیاہ کاری کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ وہی شیطان جو غریب اور مفلس کسان کو گمراہ کرنے میں ناکام ہوا، کسان کے پاس ضرورت سے زیادہ غلہ جمع کر دیتا ہے۔ کسان اس غلہ کو غربا میں تقسیم کرنے کی جگہ اس سے شراب نکالتا ہے اور اپنے دوست احباب کو مدعو کرتا ہے۔ شراب پینے کے بعد تمام مے نوش ایک دوسرے لے لڑتے جھگڑتے دکھائی دیتے ہیں۔
بوڑھا شیطان اپنے شاگرد سے دریافت کرتا ہے:
’’ شراب کی ایجاد خوب رہی۔ مجھے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تم نے یہ شراب وحشیوں اور درندوں کے خون سے تیار کی ہے۔‘‘
شاگرد جواب میں ترغیب گناہ کو ان الفاظ میں بیان کرتا ہے:
’’ نہیں استاد! اس میں درندوں وغیرہ کا خون نہیں۔ میرے لئے سب سے ضروری چیز یہ تھی کہ کسان کے پاس ضرورت سے زیادہ اناج ہو۔ وحشیوں اور درندوں کا خون تو انسان میں پہلے ہی موجود ہے۔ جب اس کے پاس ضرورت سے زیادہ اناج ہو تو وہ خون اپنی اصلیت ظاہر کر دیتا ہے۔‘‘
طالسطائی کا دوسرا افسانہ’’ تین سوال ‘‘ ہے۔ اس افسانہ میں قدیم جھلک اور حقیقی طالسطایت نظر آتی ہے۔
1۔ کسی کام کو شروع کرنے کا موزوں وقت کیا ہے؟
2۔ کن اشخاص سے صحبت رکھنی چاہیے؟
3۔ دنیا میں سب سے زیادہ اہم اور ضروری کام کیا ہے؟
طالسطائی ان سوالوں کا جواب اس طرح دیتا ہے:
’’ کسی خاص کام کے لئے صرف ایک ہی موزوں وقت ہوا کرتا ہے جبکہ ہم میں اتنی قوت ہوتی ہے کہ ہم اسے سر انجام دے سکیں۔‘‘
’’ سب سے زیادہ ضروری شخص وہی ہوتا ہے جس کے ساتھ تم اس وقت موجود ہو کیونکہ اس بات کا معلوم کرنا کہ اس شخص کے سوا تمہیں کسی اور سے بھی واسطہ پڑے گا، انسان کے وہم و قیاس سے بالا ہے۔‘‘
’’ سب سے ضروری اور اہم کام اس شخص سے نیکی کرنا ہے کیونکہ خدا نے انسان کو صرف اسی غرض کے لئے دنیا میں بھیجا ہے۔
جنگ کریمیا کے بعد روس میں اصطلاحات کا مختصر زمانہ رہا۔1818ء کے بعد وہی حالت ہو گئی۔ جو الگزینڈر ثانی سے قبل تھی’’ آزاد خیال‘‘ جماعت کے حوصلے پست ہو گئے۔ انہیں ناکامی اور مایوسی کا منہ دیکھنا پڑا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے شمع حریت کے گل ہونے سے ملت روسیہ تاریکی میں چھوڑ دی گئی ہو۔ ہم دیکھ چکے ہیں کہ طالسطائی رجائیت کو خیر باد کہتا ہو ا یاس و قنوط میں پنا ہ لیتا ہے۔ اسی زمانہ کی بہترین تصویر گارش اور چیخوف کے افسانوں اور ناڈلسن کے اشعار میں نظر آتی ہے۔
چیخوف1860ء میں پیدا ہوا۔ ماسکو یونیورسٹی سے طب کی اعلی سند حاصل کرنے کے بعد اس نے ادبی زندگی شروع کی۔ وہ ابتداء میں مختصر’’ فکاہی قلمی چہرے‘‘ مختلف جرائد میں اشاعت کے لئے بھیجتا رہا۔ آہستہ آہستہ اس نے افسانے لکھنے شروع کئے۔ افسانوں میں مزاحیہ رنگ یک قلم غائب نظر آتا ہے۔ چیخوف کی زندگی پرسکون اور خاموش تھی۔ آخری عمر میں اس نے ڈرامہ کی طرف بھی توجہ کی۔1940ء میں چیخوف اس جہاں سے چل پڑا۔
چیخوف کے زمانہ میں روس کی اخلاقی حالت بہت پست تھی۔ سیاسی طور پر بھی روس میں آزادی کا کہیں نام ونشان تک نہ تھا۔ جب گرد و پیش یہ حالات ہوں تو چیخوف کے بربط فکر سے سوائے المیہ نغموں کے اور کون سی صدا اٹھ سکتی تھی۔
چیخوف کے مختصر افسانے روسی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں۔اس کے کردار روز مرہ زندگی کے انسان نظر آتے ہیں۔ اس کا تخیل شاعرانہ مبالغہ سے پاک ہے۔
1860ء میں ڈارون اور علم الابدان کا چرچا تھا لیکن دس برس بعد مارکس اور اشتمالیت کا تذکرہ ہوا۔ روس کے ادبی حلقوں میں مارکس نے شمع ہدایت کا کام کیا۔
کیا چیخوف معلم اخلاقیات تھا؟
نہیں۔ بلکہ وہ آرٹسٹ تھا۔
وہ زندگی کو اس طرح پیش کرتا جس طرح وہ اسے خود دیکھتا۔ وہ اس چنگاری کو جو انسانی سرشت میں پنہاں ہے،شعلہ بنانے کی کوشش کرتا، وہ ہمیشہ اس امر کی تعلیم دیتا کہ زندگی کی موجودہ مصیبتیں رو بہ تغیر ہیں۔ دنیا اس قابل ضرور ہے کہ ہم اس میں رہیں۔ اپنے لئے نہ سہی بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے۔ چیخوف کا خیال تھا کہ چند صدی بعد دنیا مسرت و راحت سے لبریز ہو گی۔
رد عمل کے اسی زمانہ میں حال سے مایوس اور مستقبل سے پرا مید فلسفی اور مفکر پیدا ہوئے۔ ان لوگوں نے حال کے مصائب کو اس انداز میں بیان کیا کہ ان میں بعض جلا وطن کر دیئے گئے۔
’’ خادمہ‘‘ میں چیخوف ایک روسی خادمہ وار کا کی داستان غم بیان کرتا ہے۔ وار کا ایک تیرہ سالہ لڑکی ہے جس سے دن بھر کام لیا جاتا ہے:
وار کا انگیٹھی میں کوئلے ڈالو۔
وار کا سماوار گرم کرو۔
وار کا اپنے آقا کے بڑے بوٹ صاف کرو۔
وار کا سیڑھیوں کو دھو ڈالو۔
وار کا تین بوتلیں شراب لاؤ۔
وار کا گلاس صاف کرو۔
وار کا کے لئے سب سے زیادہ تکلیف دہ کام دن بھر شیر خوار بچہ کو لوری دینا تھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ وار کا کی مالکہ نے اس کی نیند بھی خرید لی تھی۔
وار کا اپنے آقا کے بڑے بوٹ صاف کرنے کے لئے فرش پر بیٹھ جاتی اور سوچتی ہے کہ کیا ہی اچھا ہو اگر وہ اس بڑے بوٹ میں سر ڈال کر تھوڑا سا آرام کر لے۔
لیکن مالکہ کا یہ حکم کہ بچے کو لوری دو، اسے ایک لمحہ بھی آرام کرنے نہیں دیتا۔ آخر کار انسان کی سرشت میں بغاوت کی جو چنگاری ہے وہ بھڑک اٹھتی ہے۔ وار کا اپنی زندگی پر غور کرتی ہے وہ مصیبت کے سر چشمہ کو ہمیشہ کے لئے بند کرنا چاہتی ہے۔
’’ وہ اس طاقت کو جس نے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ رکھے ہیں ، جو اس کی چھاتی پر بوجھ ڈال رہا ہے، جو اسے زندہ نہیں رہنے دیتی.... نہیں سمجھ سکتی، اسی طاقت کی جستجو کے لئے اپنے ارد گرد نظر دوڑاتی ہے تاکہ اس کی گرفت سے آزاد ہو سکے، مگر بے سود۔ روشنی کے رقصاں دھبوں اور کپڑوں کے متحرک سائے پر نظر دوڑانے کے بعد وہ اس دشمن کو پا لیتی ہے جو اس کی زندگی میں سدِ راہ ہو رہا ہے۔
وہ دشمن کون تھا؟ وہی بچہ جسے سلانے کے لئے۔’’ سو جاؤ میرے ننھے سو جاؤ‘‘ کہتے کہتے وار کا کی زبان تھک جاتی۔ اب یہ الفاظ زبان پر لاتی ہے۔
’’ بچے کی موت کے بعد نیند .... نیند.... نیند۔‘‘
وہ نیند کے لئے بچہ کو ہلاک کرتی ہے لیکن اسے صرف موت کی ابدی نیند حاصل ہو سکتی ہے۔
ہر وہ چیز جو انسان کے لئے تکلیف دہ ہو، اسے ختم کر دینا چاہیے۔ خواہ اس کے ختم کرنے میں جان تک بھی قربان کرنی پڑے۔
چیخوف کا دوسرا افسانہ’’ ایثار‘‘ ہے۔ اس میں اس نے معمولی واقعہ سے ثابت کیا ہے کہ کائنات کا انحصار محبت اور صرف محبت پر ہو سکتا ہے۔
’’ محبت.... موت اور اس کی ہیبت سے کہیں زیادہ ہے اور صرف محبت ہی ایسی چیز ہے جو زندگی کے نظام کو قائم اور متحرک رکھتی ہے۔
اس افسانہ میں چیخوف کی نسبت طالسطائی کا رنگ زیادہ نظر آتا ہے۔
انیسویں صدی کا آخری نصف صنعتی ترقی کا زمانہ تھا۔ دہقانی اشتراکیت کا خیال روسی اذہان سے بتدریج محو ہو رہا تھا۔ کسانوں کی جگہ کار خانوں میں کام کرنے والے مزدوروں نے حاصل کر لی۔ روسی افسانہ نگار کی توجہ کسان سے منعطف ہو کر مزدور کی زبوں حالی اور واژگوں بختی میں مرکوز ہو گئی۔ کارل مارکس کے افکار نے روس کی قدیم’’ حزبی اشتراکیت‘‘ کا خاتمہ کر دیا۔ اس زمانے کے گلستان ادب میں گورکی نے باد نسیم کا کام کیا۔ شباب مستقل مزاجی اور فکر جدید کے ساتھ گور کی روس کے ایوان ادب میں داخل ہوا.... شاید کرسی صدارت پر جلوہ افروز ہونے کے لئے....
گورکی کے افسانوں نے ایک جدید خیالستان کی طرح ڈالی۔ گورکی1868ء میں پیدا ہوا۔ اس کی پیدائش کے چند روز بعد گورکی کا والد انتقال کر جاتا ہے۔ اس کی پرورش اس کے دادا کے سپرد ہوئی۔ مستقبل کا مفکر کفش دوز کی دوکان سے بھاگ کر ایک جہاز میں ملازم ہونے کے بعد نانبائی کے ہاں پناہ لیتا ہے۔ قدرت کو یہ مقصود نہ تھا کہ گورکی کفش دوزی کرے۔ بلکہ وہ حکمت کے ایسے خیمے تیار کرے جو سقف نیلو فری کے نیچے’’ ادبی جنت‘‘ کا کام دیں۔
گورکی کا ذہنی تلاطم اسے روس کی سرحدوں پر لئے پھرا۔ وہ خانہ بدوش سیاحوں میں شامل ہو کر بحیرہ اسود تک جا پہنچا۔1892ء میں اس مقام پر اس کی پہلی تصنیف ’’سیاحت‘‘ شائع ہوئی۔ چند مزید تصانیف کے بعد گورکی کی شہرت تمام روس میں پھیل گئی۔
1905ء کے انقلاب میں حصہ لینے کے باعث اسے سر زمین روس کو خیر باد کہنا پڑا۔ روس چھوڑنے کے بعد اس نے میزینی اور گیری بالڈی کے وطن میں اقامت اختیار کی۔1917ء میں زاریت کے خاتمہ کے بعد گورکی روس میں دوبارہ داخل ہوا۔ گورکی کا قلم اس وقت مخالف قوتوں کے خلاف معروف پیکار ہے۔ اشتراکی روس میں لینن کے بعد گورکی قابل احترام شخصیت ہے۔ جس طرح انیسویں صدی میں ہیوگو کے افکار نے نوجوان قلوب پر قبضہ جما رکھا تھا، اسی طرح بیسویں صدی کا نوجوان گورکی کے افکار و آرا اور فلسفہ حیات سے مسخر ہو چکا ہے۔’’ مزدور کی شکست میں ہم اپنے تئیں ایک تنگ و تار غار میں پاتے ہیں جہاں صبح سے شام تک نانبائی کام کرتے ہیں۔ روز مرہ کی تکلیف دہ زندگی اور شدت ان چھبیس متحرک مشینوں کو انسانیت کے دائرہ سے خارج کر دیتی ہے۔اگر ان کا تلخ جام حیات کسی کی مستی بھری آنکھوں سے آب زندگی میں تبدیل نہ ہوتا، ان کی زندگی حیوانوں سے بدتر ہوتی۔ اگر مضراب حسن ان کے ساز حیات سے ہر روز نہ ٹکراتی، وہ سب کے سب محض مشینی انسان ہوتے۔ اگر ٹاٹنا ان کے خوابیدہ جذبات الفت کو اپنی حسین نگاہوں سے بیدار نہ کرتی، وہ مٹی کے بت ہوتے۔ اگر وہ ان سے ہم کلام نہ ہوتی، ان کی محفل حزن میں ابدی سکوت طاری رہتا۔ مگر روسی دوشیزہ ان سے جدا کر دی جاتی ہے۔ وہ ظالم آقا کے جور و ستم سے بے حس حیوان تھے لیکن ٹاٹنا کے درس الفت نے انہیں انسانیت سے آشنا کر دیا۔
ایک آوارہ مزاج اور اوباش ان چھبیس مزدوروں کے سامنے نمودار ہوتا ہے یہ خوش گل اور خوش پوش مگر بد کردار انسان دعوے کرتا ہے کہ کوئی حسینہ اس کے دام فریب میں گرفتار ہوئے بغیر نہیں رہ سکتی۔ چھبیس بے کس انسان اپنی مشترکہ محبوبہ کی اخلاقی جرات پر اعتبار کئے ہوئے تھے۔ اعتبار نے انہیں دھوکہ دیا۔ ایک وضعدار ان کی امیدوں کے مرکز کو مٹا کر ان کا دائرہ حیات تنگ کر دیتا ہے۔ شمع امید گل ہونے کے بعد پھر تاریکی میں نظر آتے ہیں۔
اس افسانہ سے گورکی کا شاید یہ مقصد ہو کہ کس طرح ایک پاک اور متبرک جذبہ ناہنجار لوگوں کی مداخلت سے ناپاک اور غیر متبرک صورت اختیار کر لیتا ہے۔
جس بھٹی میں دن بھر چھبیس مزدور کام کرتے، اسے گور کی ان الفاظ میں بیان کرتا ہے:
’’ صبح سے لے کر شام تک آتش کدہ کی طرف دیکھتی رہتی جس کی سرخ شعاعوں کا عکس دیوار پر اس طرح رقص کرتا معلوم ہوتا جیسے وہ ہم بد نصیبوں کو دیکھ کر خاموش ہنسی ہنس رہا ہو۔ وہ بھٹی کسی دیو کے بد وضع سر کے مشابہ تھی جو اپنے بڑے حلق سے آگ اُگل رہا ہو، ہمارے سامنے جہنم کی جھلسا دینے والی گرمی ایسے سانس لے رہا ہو اور ہمارے غیر مختتم کام کو اپنی پیشانی کے دو سیاہ و تاریک سوراخوں سے مطالعہ کر رہا ہو۔ یہ دو عمیق سوراخ آنکھوں کے مشابہ تھے.... آنکھیں جو کسی دیو کی آنکھوں کی طرح ہمدردی اور رحمدلی کے جذبہ سے عاری ہوں۔
یہ آنکھیں ہمیشہ تاریک نظر سے دیکھتیں ، جیسے وہ اپنے غلاموں کو دیکھتے دیکھتے تنگ آ گئی ہوں اور اس بات کی توقع چھوڑ دی ہو کہ ہم جنس آدم میں سے ہیں۔
اقبال بلبل شوریدہ کے نالہ کو خام قرار دیتا ہوا اسے اپنے سینہ میں رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ لیکن روسی مفکر خاموشی پر اس طرح اظہار خیال کرتا ہے:
’’ خاموشی ان اشخاص کے لئے جو سب کچھ کہہ چکے ہوں اور کچھ کہنے کے لئے باقی نہ رکھتے ہوں ، خوف اور اذیت ہے مگر ان کے لئے جو ابھی تک اپنی آواز سے ہی نا آشنا ہوں۔ خاموشی بجائے تکلیف دہ ہونے کے آسان اور راحت رساں ہے۔‘‘
چھبیس مزدوروں کی حالت بیان کرتا ہوا لکھتا ہے:
’’ اسی دوران میں آگ کے شعلے بھٹی میں سے سرخ زبانیں نکال رہے ہوتے۔ نانبائی کی آہنی سلاخ بھٹی کی زرد اینٹوں پر تیز آواز سے کھیل رہی ہوتی۔ ابلتا ہوا پانی بدستور جاری رہتا اور شعلوں کا عکس دیوار پر رقصاں خاموش ہنسی ہنس رہا ہوتا.... اور ہم کسی غیر کے لفظوں میں ان انسانوں کا دکھ درد بیان کرنے میں مصروف ہوتے جن سے سورج کی روشنی چھین لی گئی ہو.... جو غلام ہوں .... یہ تھی ہماری زندگی....چھبیس غلاموں کی زندگی اس قفس میں جس میں زندگی کے ایام اس قدر تلخ گزر رہے تھے کہ معلوم ہو رہا تھا کہ سنگین مکان کی منزلیں ہمارے کندھوں پر تعمیر کی گئی ہیں۔‘‘۔
انسان کے دل میں حسن کے احترام کے جذبات ہمیشہ باقی رہتے ہیں۔
’’ہر حسین چیز انسان کے دل میں وقعت اور عزت پیدا کر دیتی ہے.... خواہ وہ انسان غیر تربیت یافتہ ہی کیوں نہ ہو۔‘‘
گورکی ادبیات روس میں ہر روز نمایاں اضافہ کر رہا تھا۔ جہاں تک پرواز تخیل کا تعلق ہے، انڈریف کے بعد سلوگب کا درجہ ہے۔ سلوگب1864ء میں پیدا ہوا۔1895ء میں اس نے اپنی نظموں کا مجموعہ شائع کیا۔1905ء میں ’’ خورد سال شیطان‘‘ شائع ہوئی اس وقت تک سلوگب متعدد ناول ڈرامے اور افسانے لکھ چکا ہے۔ مختصر افسانہ نگاری میں وہ اپنے ہم عصروں میں سب سے ممتاز نظر آتا ہے۔
اقبال پیام مشرق میں :۔ ابدی جدو جہد حیات اور سرمدی تنازع بقایاں واضح کرتا ہے
بطے می گفت بحر آزاد گردید،
چیں فرمان ز دیوان خضر رفت
نہنگے گفت روہر جا کہ خواہی
ولے ازما نبائید بے خبر رفت
سلوگب’’ مساوات‘‘ میں یہی خیالات پیش کرتا ہے۔
’’ پتھر کی سر گذشت‘‘ میں سلوگب شاید یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ قوت ارادی سے انسان منزل مقصود پر پہنچ کر جب مقصد حیات سے غافل ہو جاتا ہے تو مخالف قوتیں اسے پسپا کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔ غفلت انسان کے لئے پیغام مرگ ہے
گر بقدر یک نفس غافل شدی
دور صد فرہنگ از منزل شدی
(اقبال)
چیریکوف بونن کی طرح حیات انسانی کا عمیق ناظر ہے۔ اس کے افسانوں میں تازگی اور مسرت کے باوجود غم کی لطیف جھلک نظر آتی ہے۔
’’ جادوگر‘‘ میں مزدوروں کی ہڑ تال کا منظر پیش کرنے کے بعد ایک بچے کی نفسیات بیان کی گئی ہیں جو اپنی ماں سے دریافت کرتا ہوا مزدوروں کی حمایت کرنا چاہتا ہے۔ مگر ماں اسے زیادہ گفتگو کا موقع نہیں دیتی۔ ماں اور بچہ مارے خوف کے ایک گاڑی میں سوار ہو جاتے ہیں۔ کوچوان اور مادام کی گفتگو سے ننھا سرگ یہ فیصلہ نہیں کر سکتا کہ مزدور اچھے ہیں یا برے۔
کوچوان اور آگنیشن کا کردار انقلاب کی فطری خواہش کا آئینہ دار ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ روس کا ہر متنفس تبدیلی کا خواہاں ہے۔
دو روز بعد ہڑتال بالکل عام ہو گئی۔ اشیا خوردنی تک بھی مہیا نہ ہو سکتی تھیں۔ سرگ کو صبح کے وقت بسکٹ نہ ملے تو اس کے دماغ میں مزدوروں کے خلاف حقارت کے جذبات پیدا ہونے شروع ہو گئے۔ تاہم وہ فیصلہ نہ کر سکا کہ مزدور اچھے ہیں یا برے.... وہ مزدوروں سے خوفزدہ ضرور تھا۔
جب سرگ کو معلوم ہوتا ہے کہ اس کی خادمہ کا خاوند مزدور ہے تو وہ مزدور کو دیکھنے کے لئے بے تاب ہوتا ہے۔ وہ مزدور جس نے شہری آبادی پر عرصہ حیات تنگ کر دیا، کس قدر خوفناک اور بہادر ہو گا؟ لیکن اکیلے مزدور کی زبوں حالی دیکھنے کے بعد بچے کے دل سے مزدوروں کا خوف زائل ہو گیا۔
مزدوروں کی اجتماعی قوت ایوان حکومت متزلزل کر سکتی ہے لیکن تنہا مزدور ایک خوفزدہ بچے کو بھی مرعوب نہ کر سکا۔
کسی ملک کا آرٹ اور لٹریچر اس کی رفتار حیات کا مظہر ہوا کرتا ہے، جس طرح زندگی صنعتی اور سیاسی اور مجلسی انقلابات سے گزرتی ہے، اس طرح ادب متوازی مدارج طے کرتا ہے۔ روس ایسی زراعتی سر زمین کے اچانک صنعتی ملک ہو جانے سے وہاں سینکڑوں تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ قدیم نظریے ختم کر دئیے گئے۔ زاری و قیصری، سروری و سکندری کا نام و نشان تک باقی نہ رہا۔ ادبیات میں طالسطائیت کی خشک اخلاقیات کی جگہ گورکی کے جان آفرین اور حریت پر ور افکار نے حاصل کی۔ مذہب، کلیسا اور عبادت کی جگہ اشتمالیت، کار خانہ اور محنت نے لی۔
’’ روسی افسانوں ‘‘ کے مترجم سعادت حسن اس سے پیشتر شہرہ آفاق فرانسیسی مصنف وکٹر ہیوگو کی کتاب کا ترجمہ’’ سر گذشت اسیر‘‘ کے نام سے شائع کر چکے ہیں ترجمہ کے متعلق ہندوستان کے بہترین ادبی رسائل و جرائد نے نو جوان مترجم کی خدمت میں خراج تحسین پیش کیا۔
روسی افسانوں میں مساوات، پتھر کی سر گزشت، جاگیردار، شراب اور شیطان ہندوستان کے ممتاز ادبی رسالہ’’ ہمایوں ‘‘ میں شائع ہو چکے ہیں۔
’’ سر گذشت اسیر‘‘ کی طرح مترجم نے شوکت ترکیب، تسلسل اور زور بیان اور روانی کو ترجمہ میں بدستور جاری رکھنے کی کامیاب سعی کی ہے۔
روسی ادب کے مطالعہ کے بعد مترجم نے روسی طرز کا ایک مختصر طبع زاد افسانہ’’ تماشا‘‘ لکھا ہے۔ افسانہ کا محل وقوع امر تسر کی جگہ ماسکو نظر آتا ہے۔
خالد نقاب پوش ہندوستانی خاتون کا بچہ ہونے کی نسبت سرخ دامن کا پروردہ دکھائی دیتا ہے۔
باری
’’ دار لاحمر‘‘ امر تسر
٭٭

افانسیف

سپاہی اور موت

پچیس سالہ خدمات کے دوران میں سپاہی کے بر خلاف افسران بالا کو کبھی شکایت کا موقع نہ ملا تھا۔ اس نے اپنی خدمات بڑی تند ہی اور جانفشانی سے سر انجام دی تھیں جب اس نے چاہا کہ نو کری سے مستعفی ہو کر زندگی کے بقایا ایام آرام سے گزارے تو افسران بالا نے اس کی در خواست رد کر دی۔
’’ میں خدا اور زار کی پورے پچیس سال خدمت بجا لایا ہوں اور اس دوران میں میرے متعلق کبھی شکایت کا موقع نہیں ملا۔ مگر اب جب کہ میں چاہتا ہوں کہ چند دن آرام سے گزاروں تو انہوں نے میری درخواست مسترد کر دی۔ اس سے یہی بہتر ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے یہاں سے بھاگ نکلوں۔‘‘ سپاہی نے بڑی سوچ کے بعد فیصلہ کیا۔
چنانچہ وہ ایک دن بھاگ نکلا۔تین دن کی بھاگم بھاگ کے بعد اسے راستے میں خدا ملا۔
’’ کیوں میاں سپاہی؟ کہاں جا رہے ہوں ؟‘‘ خدا نے سپاہی سے دریافت کیا۔
’’ میرے مالک! میں پورے پچیس سال اپنی خدمات ایماندارانہ بجا لایا ہوں۔ مگر اب وہ میرا استعفیٰ قبول نہیں کرتے۔ اس لئے میں ان سے بھاگ رہا ہوں۔‘‘
’’ جب تم نے پچیس سال تک اپنی خدمات بطریق احسن سر انجام دی ہیں تو آؤ! تمہیں اجازت ہے کہ میری بادشاہت میں داخل ہو جاؤ.... بہشت کے دروازے تم پر کھلے ہیں۔‘‘
چنانچہ بہشت کے دروازے کھل گئے۔ سپاہی اندر داخل ہو گیا۔ بہشت کی لطیف فضا اور پر کیف مناظر کو دیکھ کر دل میں کہنے لگا۔‘‘
’’ زندگی اسی کا نام ہے۔‘‘
’’ باغوں میں ٹہلتا ہوا فرشتوں کے پاس گیا اور کہنے لگا’’ آپ مجھے تمباکو بیچنے والے کی دوکان بتا سکتے ہیں ؟‘‘
کونسا تمباکو؟.... میاں ! تم اس وقت فوج میں نہیں ہو۔ یہ بہشت ہے.... خدا کی بادشاہت میں تمباکو کہاں ؟‘‘
سپاہی چپ ہو گیا.... مگر تھوڑی دیر کے بعد پھر ان فرشتوں کے پاس گیا اور کہنے لگا۔’’ تو پھر یہی بتلا دیجئے۔شراب کہاں ملتی ہے؟‘‘
’’ او خاکی پتلے.... تیرا ابھی تک یہی خیال ہے کہ تو فوج میں ہے۔ بہشت میں شراب کہاں ؟‘‘
’’ یہ بہشت کس طرح ہو سکتا ہے جہاں شراب اور تمباکو ہی نہیں ملتا۔‘‘ یہ کہہ کر وہ بہشت سے باہر چلا گیا.... وہ ایسی جگہ رہنے کو تیار نہ تھا جہاں شراب اور تمباکو نہ ملے۔زمین پر وہ بہت عرصہ تک چلتا رہا حتیٰ کہ اس کی خدا سے پھر ملاقات ہو گئی۔
’’ یہ بہشت کیسی جگہ ہے میرے خدا؟.... جہاں تم نے مجھے بھیجا تھا وہاں تو تمباکو اور شراب ہی نہیں ملتی۔‘‘
’’ بہت اچھا!.... اپنے داہنے ہاتھ کو چلے جاؤ۔ تمہیں وہاں ہر ایک شے مل جائے گی۔‘‘
وہ اپنے داہنے ہاتھ کی طرف چل پڑا.... راستے میں اسے بد روح ملی۔
’’میاں سپاہی! کسے ڈھونڈ رہے ہو؟‘‘
’’ پہلے مجھے کسی جگہ لے چلو.... تاکہ اطمینان سے گفتگو ہو سکے۔
چنانچہ سپاہی کو وہ ناپاک روح ایک گرم جگہ لے گئی۔
آپ کے ہاں تمباکو ہے کیا؟ سپاہی نے ناپاک روح سے دریافت کیا۔
’’ ہے! میرے اچھے سپاہی۔‘‘
’’ شراب بھی؟‘‘
’’ شراب بھی۔‘‘
’’ تو لاؤ.... دونوں چیزیں لاؤ۔‘‘
چشم زدن میں اس ناپاک روح نے دونوں چیزیں حاضر کر دیں۔ جب سپاہی کو دونوں چیزیں مل گئیں تو بہت خوش ہوا اور کہنے لگا۔ بہشت یہی ہے۔‘‘
لیکن جب گھومنے کے لئے باہر نکلا تو اسے بہت سی ناپاک روحیں نظر پڑیں جن کی شکلیں دیکھ کر وہ بہت گھبرا گیا.... چند دنوں کے بعد اس قدر اداس ہوا کہ سوچنے لگا کیا کرے۔‘‘
اچانک ایک روز اس کے دماغ میں ایک عجیب خیال آیا۔ لکڑی کا ایک گز بنا کر زمین ماپنے لگا کہ شیطان دوڑتا ہوا آیا اور پوچھنے لگا’’ کیا کر رہے ہو؟‘‘
’’ میاں سپاہی! کیا اندھے ہو؟ دیکھ نہیں رہے میں یہاں معبد بنانے لگا ہوں۔‘‘
شیطان دوڑتا ہوا اپنے بوڑھے دادا کے پاس گیا اور چلا کر کہنے لگا’’ محترم دادا! ہم تباہ ہو گئے.... یہ انسان یہاں معبد بنانے لگا ہے۔‘‘
یہ سن کر بوڑھا شیطان تھر تھر کانپتا ہوا خدا کے حضور میں گیا اور کہنے لگا’’ خداوند! آپ نے ہمارے پاس کس قسم کا انسان بھیجا ہے جو ہماری جگہ پر معبد بنانا چاہتا ہے۔‘‘
اس میں میرا کیا قصور؟.... تم نے ایسے انسان کو اپنی جگہ میں داخل ہی کیوں کیا؟‘‘
’’ خداوند! کسی نہ کسی طرح اس سپاہی کو واپس بلا لیجئے۔‘‘
’’ میں اسے کس طرح بلا لوں۔ وہ تو خود چاہتا تھا کہ تمہارے پاس جائے۔‘
’’آہ اب ہم ناچیز کیا تدبیر عمل میں لائیں۔‘‘بوڑھے شیطان نے روتے ہوئے کہا۔ خدا نے با رعب لہجہ میں جواب دیا۔’’ جاؤ! کسی نوجوان شیطان کی کھال اتار کر اس کا ڈھول بناؤ۔اس ڈھول کی آواز ہی اس سپاہی کو وہاں سے دور کر سکتی ہے۔‘‘
بوڑھے شیطان نے آتے ہی ایک نوجوان شیطان کو پکڑا اور اس کی کھال اتار کر ایک ڈھول پر منڈھ لی۔ سب کچھ تیار کر کے اس نے تمام شیطانوں کو اکٹھا کر کے حکم دیا۔’’ دیکھو! جونہی یہ سپاہی اس جگہ سے بھاگے۔ تم دروازے بند کر لو تاکہ وہ پھر یہاں نہ آ سکے۔‘‘
یہ کہہ کر اس نے ڈھول پر ضربیں لگانی شروع کیں۔ ڈھول کی آواز سن کر سپاہی اس جگہ سے اٹھ دوڑا۔ جیسے وہ پاگل ہو گیا ہو۔
جونہی وہ دروازے سے باہر نکلا۔ شیطانوں نے تمام دروازے بند کر لئے۔
سپاہی نے جب دیکھا کہ دروازے بند ہیں تو دستک دینی شروع کی’’ دروازہ کھول دو۔ ورنہ دیوار پھوڑ کر اندر آ جاؤں گا۔‘‘
’’ تم ایسا نہیں کر سکتے میرے بھائی! ہم تم سے کہیں طاقتور ہیں۔‘‘ شیطانوں نے جواب دیا۔
جب سپاہی نے دیکھا کہ اب اس کا کوئی بس نہیں چلتا۔ تو سر لٹکا کر پھر زمین پر چلنا شروع کر دیا۔ دو تین دن کی آوارہ گردی کے بعد اسے پھر خدا ملا۔
’’ میاں سپاہی ! کہاں جا رہے ہو۔‘‘ خدا نے دریافت کیا۔
’’ مجھے خود علم نہیں۔‘‘
تو اب بتاؤ کہاں جانا چاہتے ہو۔ بہشت میں بھیجا تو وہ تمہیں پسند نہ آیا۔ دوزخ میں گئے تو وہاں تم نہ رہ سکے۔ اب کہاں جانے کی خواہش ہے؟‘‘
’’ میرے خدا!مجھے اپنے دربار کا محافظ بنا لے۔‘‘
’’ بہت اچھا۔‘‘
چنانچہ خدا نے اسے اپنے محل کے دروازے پر کھڑا کر دیا اور کہا: دیکھو خیال رہے کوئی شخص اندر نہ آنے پائے۔
’’ بوڑھے سپاہی کو آپ کیا سکھلا رہے ہیں۔ آپ کے حکم کی تعمیل کی جائے گی۔‘‘
سپاہی بہت عرصہ تک دروازہ پر پہرہ دیتا رہا اور کسی کو اندر نہ جانے دیا۔ آخر ایک دن کے بعد’’ موت‘‘ آئی۔
’’ کون گزر رہا ہے۔ سپاہی نے کڑک کر پوچھا۔
’’ موت۔‘‘
’’ کس کے پاس جا رہی ہو۔‘‘
’’ خدا کے پاس۔‘‘
’’ کس لئے۔‘‘
’’ حکم لینے کے لئے اب کن اشخاص کی جانیں قبض کروں۔‘‘
’’ تو تھوڑی دیر کے لئے انتظار کرو۔ میں خدا سے اجازت لے آؤں۔
’’ خداوند! موت دروازے پر کھڑی آپ کے احکام کی منتظر ہے۔‘‘
’’ جاؤ ! اسے حکم دو کہ آئندہ تین سال تک وہ بوڑھے انسانوں کو ہلاک کرتی رہے۔ یہ سن کر سپاہی نے خیال کیا کہ اس طرح تو اس کے بوڑھے والدین بھی ہلاک ہو جائیں گے۔ اس لئے موت کے پاس آ کر کہا’’ خدا نے تمہیں حکم دیا ہے کہ جنگلوں میں جا کر تین سال تک پرانے اور بوڑھے درختوں کو اکھیڑتی رہو۔
موت یہ سن کر رو پڑی۔ اور کہنے لگی’’ خداوند میرے ساتھ ناراض ہیں جو مجھے ایسی سزا دے رہے ہیں۔‘‘
یہ کہتی ہوئی موت جنگلوں میں چلی گئی اور تین سال تک جوان اور سر سبز درختوں کو اکھیڑتی رہی۔ تین سال بعد اپنے آپ کو بمشکل گھسیٹتی ہوئی پھر خدا کے حضور میں نئے احکام کی خاطر آئی۔‘‘
’’ کہاں جا رہی ہوں ؟‘‘ سپاہی نے موت سے دریافت کیا۔
’’ خدا کے پاس۔ دریافت کرنے کے اب کن اشخاص کو ہلاک کروں۔‘‘
’’ تو تھوڑی دیر کے لئے یہاں انتظار کرو.... میں ابھی اجازت لے کر آیا۔
چنانچہ وہ ایک پھر خدا کے پاس گیا اور کہنے لگا۔’’ خداوند! موت پھر نئے احکام لینے کی خاطر حاضر خدمت ہوئی ہے۔‘‘
’’ جاؤ اسے کہہ دو کہ وہ تین سال تک چھوٹے بچوں کو ہلاک کرتی رہے۔‘‘ سپاہی نے خیال کیا کہ اس کے تین بچے ہیں۔ اس طرح وہ بھی مر جائیں گے اس لئے موت کے پاس آیا اور کہا’’ خدا نے حکم دیا ہے کہ جنگلوں میں پھر واپس جاؤ اور تین سال تک چھوٹے پودوں کو ہلاک کرتی رہو۔
یہ سن کر موت زار و قطار رونے لگی’’ میں نے کون سا ایسا گناہ کیا ہے جس کی سزا بھگت رہی ہوں۔‘‘
یہ کہہ کر وہ پھر جنگلوں میں چلی گئی اور تین سال تک چھوٹے پودوں کو ضائع کرتی رہی۔ تین سال کے بعد لنگڑاتی ہوئی پھر خدا کے حضور میں آئی اور دل میں عہد کر لیا کہ جو کچھ بھی ہو میں خود خدا کے پاس جاؤں گی اور دریافت کروں گی کہ خدا نے اسے کیوں نو سال تک اتنی سخت سزا دی۔
سپاہی نے موت کو سیڑھیوں پر چڑھتے ہوئے دیکھا، تو کہنے لگا’’ کہاں جا رہی ہوں ‘‘ موت نے کچھ جواب نہ دیا اور سیڑھیوں پر چڑھتی گئی۔ جب سپاہی نے دیکھا کہ موت کچھ جواب نہیں دیتی تو اس نے موت کو گردن سے پکڑ لیا اور خدا کے دربار میں نہ جانے دیا۔ موت بہت چیخی چلائی۔ ادھر سپاہی نے بھی خوب شور مچایا۔ خدا یہ شور سن کر باہر آگیا اور کہنے لگا’’ یہ کیا شور مچا رکھا ہے تم نے؟‘‘
’’ خداوند! آپ میرے ساتھ اس قدر ناراض کیوں ہیں ؟ میں پورے نو سال تک جنگلوں میں سر پٹکتی رہی ہوں۔ تین سال تک سال خوردہ درخت اکھیڑتی رہی۔تین سال تک جوان اور سرسبز درختوں کو ہلاک کرتی رہی اور اسی عرصہ تک پودوں کو ضائع کرتی رہی۔ آخر ایسی سزا کس گناہ کی پاداش میں ؟
یہ سن کر خدا نے سپاہی کی طرف غضبناک نگاہوں سے دیکھتے ہوئے کہا’’ یہ سب شرارتیں تمہاری معلوم ہوتی ہیں۔‘‘
’’میں معافی چاہتا ہوں .... خداوند۔‘‘ سپاہی نے تھر تھر کانپتے ہوئے کہا۔
’’ تمہیں سزا دی جاتی ہے کہ موت کو نو سال تک اپنے کندھوں پر ہی اٹھائے پھرو۔
حکم ملنا تھا کہ موت سپاہی کے کندھوں پر چڑھ گئی اور سپاہی اسے اٹھائے چل پڑا۔ وہ بہت عرصہ تک موت کو اسی طرح اٹھائے چلتا رہا۔ مگر آخر کار تھک کر چُور ہو گیا اور جیب سے نسوار کی ڈبیا نکال کر سونگھنے لگا۔
موت نے دیکھا کہ سپاہی کچھ سونگھ رہا ہے۔ حیران ہو کر کہنے لگی’’میاں سپاہی! کیا سونگھ رہے ہوں ....مجھے بھی دو۔‘‘
’’ کندھوں سے نیچے اتر آؤ اور ڈبیا میں بیٹھ کر جتنا چاہو سونگھو ‘‘
’’ اچھا تو ڈبیا کا ڈھکنا کھول دو۔‘‘
سپاہی نے ڈبیا کا ڈھکنا کھول دیا اور جونہی موت ڈبیا میں آئی، جھٹ سے ڈبیا بند کر لی اور ڈبیا کو اپنے بوٹ میں رکھ لیا۔ اتنا کر کے وہ پھر خدا کے دربار میں گیا اور اپنی پرانی جگہ پر کھڑا ہو گیا۔ جب خدا نے اسے دیکھا تو حیران ہو کر پوچھا’’ ارے! موت کہاں رکھی ہے تم نے۔‘‘
’’ میرے پاس ہے! خداوند!‘‘
’’ تمہارے پاس ؟‘‘
’’ جی ہاں ! اس وقت میرے بوٹ میں ہے۔‘‘
دکھاؤ تو۔‘‘
’’ نہیں جی! میں نہیں دکھانے کا.... اسے نو سال تک وہیں قید رہنا چاہئے.... نو سال تک موت کو اپنے کندھوں پر اٹھائے رکھنا کوئی مذاق نہیں .... وہاں رہنے دیجئے اسے۔‘‘
’’ تم اسے باہر تو نکالو.... میں نے تمہاری خطا کو معاف کر دیا۔‘‘
چنانچہ سپاہی نے اپنے بوٹ کے تسمے کھولے اور نسوار کی ڈبیا نکال کر اس کا ڈھکنا کھول دیا.... ڈھکنے کا کھلنا تھا کہ موت لپک کر اس کے کندھوں پر سوار ہو گئی۔
خدا نے موت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا’’ تم میں اتنی عقل نہیں کہ اپنا حکم بجا لا سکو، اس لئے کندھوں سے اتر آؤ۔‘‘
موت کندھوں سے اتر آئی۔
’’ لو اب تمہیں حکم دیا جاتا ہے کہ اس سپاہی کی روح قبض کر لو۔‘‘
’’ میاں سپاہی! اب مرنے کے لئے تیار ہو جاؤ۔‘‘ موت نے سپاہی کی طرف مخاطب ہوتے ہوئے کہا۔
’’ جلدی کا ہے کی ہے۔ مرنا تو آ خر ہے ہی لیکن پہلے مجھے اس وقت کے لئے تیار تو ہو لینے دو۔‘‘
’’ بہت بہتر۔‘‘
چنانچہ سپاہی ایک سفید کفن اوڑھ کے تابوت میں لیٹ گیا۔
’’ کیا اب تیار ہو؟‘‘ موت نے سپاہی سے دریافت کیا۔
’’ بالکل۔‘‘
’’ اب اچھی طرح تابوت میں لیٹ جاؤ۔‘‘
سپاہی پیٹ کے بل تابوت میں لیٹ گیا۔
’’ یہ کس طرح لیٹ رہے ہو تم؟‘‘
’’تو پھر کس طرح لیٹوں ؟‘‘
’’ یہ بھی بھلا کوئی لیٹنے کا طریقہ ہے۔ تمہارے لئے اس حالت میں مرنا درست ہو گا۔‘‘ سپاہی پہلو کے بل لیٹ گیا۔
’’ آہ ! میرے خدا! کیسے بے وقوف انسان سے پالا پڑا ہے۔ کیا تم نے کبھی مُردوں کو تابوت میں لیٹے ہوئے نہیں دیکھا۔ نکلو باہر میں تمہیں بتاؤں۔‘‘
سپاہی تابوت سے باہر نکل آیا اور موت اس کو طریقہ بتانے کے لئے تابوت میں لیٹ گئی۔ اس کا لیٹنا تھا کہ سپاہی نے تابوت کا ڈھکنا بند کر دیا اور اس پر مضبوطی سے کیل جڑ دیئے۔ اس طرح موت کو تابوت میں قید کر کے اس نے تابوت اٹھا یا اور دریا برد کر دیا۔ موت کو دریا کے سپرد کرنے کے بعد اس نے پھر خدا کے دربار پہرہ دینا شروع کر دیا۔ جب خدا نے اسے دیکھا تو حیران ہو کر پوچھا
’’ ارے! موت کہاں ہے؟‘‘
’ میں نے اسے دریا برد کر دیا ہے.... میرے مالک!‘‘
خدا نے نظر دوڑائی تو موت کو دریا میں بہتے ہوئے دیکھا۔ اسے دریا سے نکال کر غضبناک لہجہ میں پوچھا ’’میں نے جو تمہیں حکم دیا تھا کہ اس سپاہی کو ہلاک کر دو۔‘‘
’’ میرے مالک! یہ سپاہی بہت مکار ہے۔ میری اس کے سامنے ایک نہیں چلتی۔‘‘
دیکھو اب اس کے جھانسے میں نہ آنا۔ تمہیں حکم دیا جاتا ہے کہ اس کو فوراً ہلاک کر دو۔‘‘
بعض کہتے ہیں کہ موت نے سپاہی کو ہلاک کر دیا لیکن بعض خیال کرتے ہیں کہ سپاہی نے موت کو پھر دھوکا دے دیا اور اس طرح بہت عرصہ تک زندہ رہا اور ابھی اسے مرے تھوڑا عرصہ گزرا ہے۔
٭٭٭

ٹالسٹائی

تین سوال

ایک دفعہ کسی بادشاہ کے دل میں خیال آیا کہ اگر اسے تین چیزیں معلوم ہو جائیں تو اسے کبھی بھی شکست کا منہ دیکھنا نہ پڑے گا اور جس کام میں ایک دفعہ ہاتھ ڈال دے حسب خواہش انجام پذیر ہو جائے۔ جن چیزوں نے اس پر رات کی نیند حرام کر دی وہ یہ تھیں :
1۔ کسی کام کو شروع کرنے کا کونسا موزوں وقت ہے۔
2۔ کن اشخاص سے صحبت رکھنی چاہیے اور کن اشخاص سے پرہیز۔
3۔ دنیا میں سب سے زیادہ اہم اور ضروری چیز کیاہے۔
رفتہ رفتہ اس خیال نے بادشاہ کے دل میں جگہ کر لی اور وہ ہر وقت اسی جستجو میں رہنے لگا کہ کسی نہ کسی طرح ان تین سوالوں کا تسلی بخش جواب حاصل ہو جائے۔
اسی غرض کے لئے اس نے ملک بھر میں منادی کرا دی کہ جو کوئی اس کے سوالوں کا صحیح جواب دے گا.... اس کا منہ موتیوں سے بھر دیا جائے گا.... اور منہ مانگا انعام پائے گا۔
ملک کے ہر گوشہ سے بڑے بڑے عالم و فاضل بادشاہ کے حضور میں آئے مگر ان تین سوالوں کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
پہلے سوال کے جواب میں بعض مفکروں نے یہ خیال ظاہر کیا کہ کسی کام کے شروع کرنے کا صحیح وقت صرف اسی صورت میں معلوم ہو سکتا ہے جب تک انسان اپنے روز مرہ معمول کے اوقات کو تقسیم کر کے اس کا ایک نقشہ مرتب نہ کرے بعض عالموں نے اسی سوال کے جوا ب میں یہ رائے ظاہر کی کہ کسی کام کے لئے موزوں وقت معلوم کرنا اکیلے انسان کے لئے اگر مشکل نہیں تو ناممکن ضرور ہے۔ اس لئے بادشاہ سلامت کو چاہئے کہ وہ اس غرض کے لئے عالموں کی ایک مجلس مقرر کرے اور انکی متفقہ رائے پر عمل کرے۔
لیکن بعض فاضلوں نے اس رائے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بعض وقت کئی ایسے کام در پیش ہوتے ہیں جن کے لئے اتنا وقت نہیں ہوتا کہ عالموں کی مجلس سے رائے طلب کی جا سکے۔ اس لئے کسی کام کے لئے موزوں وقت معلوم کرنے کے لئے بادشاہ سلامت کو نجومیوں اور جا دو گروں سے مشورہ کرنا چاہئے کیونکہ وہی غیب کے علم کو جانتے ہیں۔ اسی طرح دوسرے سوال کے بھی مختلف جواب ملے۔ بعض نے کہا کہ بادشاہ کو صرف وزراء سے صحبت رکھنی چاہئے تو بعض نے کہا نہیں ولیوں اور خدا رسیدہ لوگوں کی صحبت ہی ایک بادشاہ کے لئے ضروری ہے۔
تیسرے سوال کے جواب میں کہ دنیا میں سب سے اہم اور ضروری چیز کیا ہے۔بعض عالموں نے یہ جواب دیا کہ ستائش ہی دنیا میں سب سے زیادہ ضروری ہے۔
بعض نے یہ کہا کہ آلات جنگ، تو بعض نے کہا کہ نہیں خدا کی عبادت ہی سب چیزوں پر مقدم ہے۔ اس لئے بادشاہ کو خدا کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔
ان تینوں سوالوں کے جواب بالکل مختلف تھے اس لئے بادشاہ نے اعلان کر دہ انعام ان میں سے کسی کوبھی نہ دیا جائے۔
جب علماء فضلا سے خاطر خواہ جوابات نہ مل سکے تو ایک دن بادشاہ نے ایک فقیر کے پاس جو اپنی ریاضت اور بزرگی کے سبب ملک بھر میں مشہور تھا، جانے کی ٹھان لی۔ وہ خدا رسیدہ بزرگ آبادی سے دور ایک جنگل میں فروکش تھا۔ جہاں وہ دن رات خدا کی عبادت میں گزارتا۔
چنانچہ ایک دن بادشاہ معمولی دہقان کا بھیس بدل کر اس فقیر کی جھونپڑی کی طرف روانہ ہو گیا۔
فقیر اس قدر لاغر اور کمزور تھا کہ کدال کی ایک ضرب کے بعد ہی سانس درست کرنے کے لئے تھوڑی دیر ٹھیر جاتا۔
بادشاہ اس مرد لاغر کے قریب گیا اور کہا۔’’ اے عقلمند درویش.... میں تیری خدمت میں تین سوال لے کر حاضر ہوا ہوں۔ کیا تو ان تینوں سوالوں کا جواب دے سکتا ہے۔‘‘
1۔ کسی کام کے شروع کرنے کا موزوں وقت کیا ہے؟
2۔ مجھے کن اشخاص سے صحبت رکھنی چاہئے اور کن سے پرہیز کرنا چاہئے؟
3۔ دنیا میں سب سے زیادہ اہم ضروری کام کیا ہیں ؟
فقیر بادشاہ کی گفتگو کو خاموشی سے سنتا رہا۔ مگر کوئی جواب نہ دیا اور کدال پکڑ کر پھر زمین کھودنا شروع کر دیا۔
’’ تم کدال چلاتے چلاتے تھک گئے ہو.... کدال مجھے پکڑا دو اور تھوڑی دیر کے لئے.... آرام کرلو۔‘‘ بادشاہ نے فقیر سے کہا۔
’’ شکریہ!‘‘ یہ کہہ کہ فقیر نے کدال بادشاہ کو پکڑا دی اور آپ زمین پر ہانپتا ہوا بیٹھ گیا۔ دو کیاریاں کھودنے کے بعد بادشاہ نے اپنے سوالات پھر دہرائے لیکن فقیر پھر خاموش رہا اور بادشاہ کے سوالات کا جوا ب نہ دیا۔ زمین سے اٹھا اور کہنے لگا’’ اب آپ آرام فرمائیں۔ میں اس کام کو ختم کر لیتا ہوں۔‘‘
مگر بادشاہ نے فقیر کو کدال نہ دی اور زمین کھودنی شروع کر دی.... بادشاہ اسی طرح زمین کھودتا رہا۔ حتیٰ کہ سورج غروب ہو گیا۔ آخر کار تنگ آ کر کدال کو ایک طرف رکھتے ہوئے کہنے لگا’’ عقلمند درویش میں تیری خدمت میں اس لئے حاضر ہوا تھا کہ تو میرے سوالات کا جواب دے گا.... اگر تو ان سوالات کا جواب نہیں دے سکتا تو صاف کہہ دے تاکہ میں واپس چلا جاؤں۔‘‘
’’ وہ دیکھو کون بھاگا چلا آ رہا ہے۔....آؤ دیکھیں تو یہ کون ہے؟‘‘ درویش نے جنگل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔
بادشاہ نے مڑ کر دیکھا کہ ایک آدمی جنگل کے گھنے درختوں کے باہر ان کی طرف بھاگا چلا آ رہا ہے۔ وہ آدمی اپنے پیٹ کو دونوں ہاتھوں سے تھامے ہوئے تھا جن سے خون فوارے کی مانند بہہ رہا تھا۔
بادشاہ کے قریب پہنچ کر وہ شخص بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑا۔
درویش اور بادشاہ دونوں نے مل کر اس کے کپڑے اتار دیئے، تو معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں ایک بڑا زخم ہے جس سے خون کافی مقدار میں بہہ چکا ہے۔ بادشاہ نے بڑی احتیاط سے اس زخم کو دھو کر اپنے رومال کی پٹی بنا کر اس پر باندھ دی لیکن پھر بھی زخم سے خون نکلنا بند نہ ہوا۔
بادشاہ خون سے ترپٹی اتارتا اور اسے اچھی طرح دھو کر پھر اس کے زخم پر باندھ دیتا۔ اس عمل کو بار بار دہرانے سے خون نکلنا بند ہو گیا۔
خون کے بند ہو جانے پر اس شخص کو ہوش آیا اور اس نے اشارے سے کچھ پینے کے لئے مانگا۔
اس پر بادشاہ دوڑا ہوا گیا اور کنویں سے تازہ پانی لا کر اسے دے دیا۔
اب سورج غروب ہو چکا تھا چنانچہ بادشاہ اور درویش دونوں اس شخص کو اٹھا کرجھونپڑی میں لے آئے اور اسے بستر پر لٹا دیا۔ بستر پر لیٹتے ہی وہ شخص سو گیا۔ بادشاہ دن بھر کی تھکاوٹ سے چور ہو کر دہلیز پر سستانے کے لئے بیٹھا کہ وہیں سو گیا۔ جب صبح خواب سے بیدار ہوا تو زخمی کو اپنی طرف غور سے گھورتے ہوئے دیکھا۔
’’ مجھے معاف کر دیجئے۔‘‘ زخمی نے بادشاہ سے کہا۔ جو اب پوری طرح بیدار ہو کر اس کی طرف دیکھ رہا تھا۔
’’ میں تمہیں نہیں جانتا پھر یہ معافی کی درخواست کیسی؟‘‘ بادشاہ نے زخمی سے دریافت کیا۔’’آپ مجھے نہیں پہچانتے۔ مگر میں آپ کو اچھی طرح جانتا ہوں .... میں آپ کا دشمن ہوں .... وہ دشمن جس کے بھائی کو قتل کروا کر آپ نے اس کی جائیداد پر قبضہ کر لیا تھا.... وہ دشمن جس نے اپنے بھائی کے خون کا انتقام لینے کی قسم لے رکھی تھی۔ مجھے معلوم تھا کہ آپ درویش کو ملنے کے لئے باہر آئیں گئے۔ اس لئے میں نے ارادہ کر لیا تھا کہ آپ کو واپسی پر قتل کر دوں چنانچہ آپ کی تلاش میں اپنی جائے پناہ سے نکلا۔ مگر آپ کے محافظوں کے ساتھ دو چار ہونا پڑا۔ انہوں نے مجھے پہچان لیا اور مجروح کر دیا کسی نہ کسی طرح میں ان کی گرفت سے بچ نکلا۔ ان کے ہاتھوں سے تو بچ گیا مگر میری حالت نازک تھی۔ زخم سے فواروں کی طرح خون نکل رہا تھا۔ اگر آپ میرے حال پر رحم کر کے مرہم پٹی نہ کرتے تو موت یقینی تھی۔ میں آپ کی موت کا خواہاں تھا۔ مگر آپ نے میری جان بچائی۔ اب اگر میں زندہ رہا تو تمام عمر ایک وفادار غلام کی طرح آپ کی خدمت بجا لاؤں گا اور اپنے بیٹوں کو تلقین کروں گا۔کیا آپ مجھے معاف نہ فرمائیں گے۔ اس آسانی سے ایک جانی دشمن کو دوستی کا ہاتھ بڑھاتے دیکھ کر بادشاہ بہت خوش ہوا۔ اس لئے اس نے اسے معاف کر دیا بلکہ وعدہ کیا کہ وہ اس کے علاج کے لئے شاہی حکیم اور شاہی نوکر مقرر کر دے گا اور اس کی کھوئی ہوئی جائیداد بھی واپس کر دے گا۔
زخمی سے رخصت لے کر بادشاہ جھونپڑی سے باہر آیا اور درویش کی تلاش شروع کی۔ جھونپڑی کو خیر باد کہنے سے پیشتر وہ آخری بار درویش کی خدمت میں ان سوالوں کے جواب کے لئے درخواست کرنا چاہتا تھا۔
درویش کیاریوں کے پاس ہی گھٹنوں کے بل بیج بو رہا تھا۔بادشاہ اس کے پاس گیا اور کہنے لگا ’’عقلمند درویش!میں تیری خدمت میں پھر حاضر ہوا ہوں کہ تو میرے سوالوں کا جواب دے۔
’’تمہارے سوالوں کا جواب تو مل گیا۔ اب کیا چاہتے ہو؟‘‘
درویش نے بادشاہ کی طرف نگاہیں اٹھاتے ہوئے کہا۔
’’وہ کس طرح؟آپ کا اس سے کیا مطلب ہے؟‘‘
’’سنو!اگر کل تم میری کمزوری کا خیال کرتے ہوئے کیاریاں کھودنے کے لئے نہ ٹھہرتے اور اس کی بجائے واپس چلے جاتے تو تمہارا دشمن تم پر ضرور حملہ آور ہوتا چنانچہ وہ وقت ہی تمہارے لئے موزوں تھا۔ جب تم زمین کھودنے میں مصروف تھے۔ میری ذات ہی اس وقت سب سے زیادہ اہمیت رکھتی تھی اور تمہاری ہمدردی کا اظہار ہی سب سے زیادہ ضروری اور اہم کام تھا۔
اس کے بعد جب زخمی شخص ہماری طرف آ رہا تھا تو تمہارے لئے کسی اچھے کام کرنے کے لئے وہی وقت موزوں تھا۔ جب تم اس کے زخموں پر مرہم پٹی کر رہے تھے کیونکہ اگر تم اس کی اچھی طرح نگہداشت نہ کرتے تو تمہارا ایک جانی دشمن تمہارے ساتھ صلح کئے بغیر اس جہان سے رخصت ہو جاتا۔ پس وہ شخص ہی اس وقت سب سے زیادہ ضروری اور اہم کام تھا اس لئے یاد رکھو کہ کسی خاص کام کے لئے صرف ایک ہی وقت موزوں ہوا کرتا ہے جبکہ ہم میں اتنی قوت ہے کہ ہم اسے سر انجام دے سکیں۔ سب سے زیادہ ضروری شخص وہی ہوتا ہے جس کے ساتھ تم اس وقت موجود ہو کیونکہ اس بات کا معلوم کرنا کہ ا س شخص کے سوا تمہیں کسی اور شخص سے بھی واسطہ پڑے گا، انسان کے فہم و قیاس سے بالا ہے اور سب سے ضروری اور اہم کام اس شخص کے ساتھ نیکی کرنا ہے۔
کیونکہ خدا نے انسان کو صرف اسی غرض کے لئے دنیا میں بھیجا ہے۔
٭٭٭

چیخوف

خادمہ

رات....
سیزدہ سالہ آیا ’’ وارکا‘‘ جھولے کو آہستہ آہستہ ہلا رہی ہے۔ جس میں ننھا سا بچہ لیٹا ہوا ہے اور دبی زبان میں لوری گنگنا رہی ہے۔
’’ سو جاؤ میرے ننھے چاند سو جاؤ.... میں تمہیں لوری دے رہی ہوں۔‘‘
جھولے کے سامنے ایک سبز رنگ کا لیمپ جل رہا ہے۔ کمرے میں ایک رسی پر سیاہ پتلون اور ننھے کے کپڑے لٹک رہے ہیں جن کے لمبے لمبے سائے وار کا اور بچے کے جھولے پر پڑ رہے ہیں .... لیمپ کی بتی کے شعلے کے ساتھ سائے بھی رقص کرنا شروع کر دیتے ہیں ، جیسے تیز ہوا میں پتیاں کانپ رہی ہوں۔
کمرے میں سخت حبس ہو رہا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے گوبھی کا بدبو دار شوربہ پاس ہی رکھا ہو یا یہ جگہ کسی بوٹ بنانے والے کی دوکان ہو۔
بچہ چلا رہا ہے۔ گو اسے چلاتے چلاتے یہ وقت آ گیا اور وہ اس چیخ پکار سے تھکا ہوا معلوم ہوتا ہے مگر پھر بھی روئے جا رہا ہے اور یہ معلوم نہیں کہ کب چپ ہو۔
بیچاری وارکا کو نیند آ رہی ہے۔ نیند کے غلبہ سے آنکھیں بند ہو رہی ہیں۔ سر آگے کو جھکا جا رہا ہے۔ گردن میں شدت کا درد ہو رہا ہے۔ اس میں اتنی طاقت نہیں کہ لبوں یا آنکھوں کو ہلا سکے۔ اسے ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ اس کا کاسہ سر خشک چوب سے تراشا ہوا ہے اور سکڑ کر سوئی کے سرے برابر رہ گیا ہے۔
’’ سو جاؤ میرے ننھے چاند سو جاؤ....‘‘ وہ برابر گنگنا رہی ہے۔ جھینگر درد ناک راگ الاپنے میں مصروف ہیں۔ ملحقہ کمرے سے آقا اور اس کے شاگرد افانسی کے خراٹوں کی آواز آ رہی ہے۔
بچے کا جھولا غمناک آواز پیدا کر رہا ہے۔ یہ تمام آوازیں مل کر ایک تسکین بخش راگ پیدا کر رہی ہیں۔ ان اشخاص کے لئے جو بستر میں آرام سے لیٹے ہوں۔ مگر اس وقت یہ راگ تکلیف دہ اور گرانبار معلوم ہو رہا ہے۔ اس لئے کہ اس کی موجودگی میں وار کا کا سو جانا یقینی ہے۔
اور اگر وارکا خدا نہ کرے، خدا نہ کرے سو جائے تو اس کا آقا اور مالکہ اسے خوب مار پیٹ کرے۔
لیمپ کی بتی کانپنے لگتی ہے سر سبز روشنی کے دھبے اور لانبے لانبے سائے حرکت کرنے لگ جاتے ہیں۔ جو وار کا کی نیم وا، خواب آلود آنکھوں اور تھکے ہوئے دماغ کے سامنے دھند میں لپٹی ہوئی تصویریں معلوم ہوتی ہیں۔
اب اس کی نظروں میں یہ دھندلی تصویریں سیاہ بادلوں کی صورت اختیار کر لیتی ہیں جو آسمان میں ایک دوسرے کا تعاقب کر رہے ہوں۔
یکایک ہوا چلتی ہے جو بادلوں کو منتشر کر دیتی ہے اب وار کا پتلے کیچڑ سے بھری ہوئی ایک وسیع سڑک کو دیکھتی ہے جس کے دائیں بائیں چھکڑے قطار در قطار کھڑے ہیں اور درمیان میں لوگ کندھوں پر تھیلے اٹھائے تکان سے چُور چل رہے ہیں .... دفعتاً یہ لوگ معہ اپنے تھیلوں کے کیچڑ میں گر پڑتے ہیں۔
’’ تم کیوں گرے ہو؟‘‘ وار کا ان سے سوال کرتی ہے۔
وہ جواب دیتے ہیں ’’ سونے کے لئے۔‘‘
یہ کہہ کر وہ گہری اور میٹھی نیند سو جاتے ہیں جبکہ کوے اور نیل کنٹھ بجلی کی تاروں پر بیٹھے ان کو جگانے کے لئے بچوں کی طرح چیخ رہے ہوتے ہیں۔
’’ سو جاؤ میرے ننھے چاند سو جاؤ.... وارکا گنگناتی اور اپنے آپ کو ایک تنگ و تار جھونپڑی میں پاتی ہے جہاں اس کا مرحوم باپ درد کی وجہ سے زمین پر لیٹ رہا ہے۔ درد کی شدت کا یہ عالم ہے کہ وہ منہ سے سوائے اف.... اف .... اف اور کچھ نہیں بول سکتا۔
اسکی ماں پلیو گیویا گھر میں موجود نہیں۔ کیونکہ وہ آقا کو خبر دینے گئی ہوئی ہے کہ یافین مر رہا ہے۔ اس کو گئے ہوئے ایک عرصہ گزر چکا ہے۔ حالانکہ اس وقت تک اسے واپس آ جانا چاہیے تھا۔ وارکا انگیٹھی کے قریب خاموش بیٹھی ہوئی اپنے والد کو کراہتا سن رہی ہے۔ دفعتاً وہ جھونپڑی کے باہر کسی گاڑی کی آواز سنتی ہے.... اتنے میں ایک جوان ڈاکٹر اندر داخل ہوتا ہے جس کا چہرہ تاریکی کی وجہ سے بخوبی نظر نہیں آتا.... وار کا اسے اتنا کہتا ہوا سنتی ہے:
’’ روشنی کرو۔‘‘
جواب میں یافین اف اف کے سوا کچھ اور نہیں کہہ سکتا۔
پلیو گیو یا دیا سلائی ڈھونڈنے کی خاطر انگیٹھی کی طرف دوڑتی ہے....ایک منٹ مکمل خاموشی میں گزر جاتا ہے۔ اس کے بعد ڈاکٹر اپنی جیب سے دیا سلائی نکال کر روشن کرتا ہے....
’’ جناب! ذرا اسے روشن ہی رکھئے.... میں ابھی آئی۔ یہ کہتی ہوئی پلیو گیویا جھونپڑی کے باہر دوڑ کر موم بتی کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا لاتی ہے۔
یافین کے رخسار سرخ ہو رہے ہیں اور اس کی آنکھیں غیر معمولی طور پر چمک رہی ہیں۔ جیسے وہ جھونپڑی اور ڈاکٹر کو چیرتی ہوئی کسی موہوم چیز کا مطالعہ کر رہی ہوں۔
’’ میاں کیا سوچ رہے ہو؟.... کب سے یہ تکلیف ہے تمہیں ؟‘‘ ڈاکٹر اس کی طرف جھکتے ہوئے کہتا ہے۔
’’ جناب! مر رہا ہوں .... میرا وقت قریب آگیا حضور!.... تھوڑے عرصے کے بعد میں اس دنیا سے رخصت ہونے والا ہوں۔‘‘
’’ بیہودہ باتیں مت کرو، ہم تمہیں صحت یاب کر دیں گے۔
’’ اس عنایت کے لئے ہم غریب شکر گزار ہیں جناب!.... معلوم ہوتا ہے.... جب موت آتی ہے تو پھر اس سے بچنا؟؟؟‘‘
ڈاکٹر یافین کا نصف گھنٹہ معائنہ کرنے کے بعد کہتا ہے’’ معاملہ میری مدد سے باہر ہے۔ تمہارے لئے ضروری ہے تم کسی ہسپتال چلے جاؤ۔ وہیں تمہارا علاج ہو سکتا ہے.... بس جلدی جاؤ.... بہت دیر ہو چکی ہے اور ہسپتال والے سو رہے ہوں گے....
’’ مگر اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ میں تمہیں ایک رقعہ لکھ دیتا ہوں۔
’’ سنتے ہو یا نہیں ؟‘‘
’’ مہربان جناب! وہ اتنی دور پیدل کس طرح جائے.... ہمارے پاس کوئی گھوڑا نہیں۔‘‘ پلیو گیویا نوجوان ڈاکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہتی ہے۔
’’ فکر مت کرو، میں تمہارے آقا سے کہہ دیتا ہوں۔ وہ تمہیں گھوڑا مہیا کر دے گا۔‘‘ ڈاکٹر رخصت ہو جاتا ہے.... موم بتی بھی رخصت ہو جاتی ہے۔ اب پھر وہی’’ اف، اف‘‘ کی آواز شروع ہو جاتی ہے۔
کوئی نصف گھنٹہ کے قریب جھونپڑی کے باہر کوئی گاڑی ٹھہرتی ہے۔یہ گاڑی چھکڑا تھا جو یافین کو ہسپتال لے جانے کے لئے اس کے آقا نے بھیجا تھا.... یافین تیار ہو کر چلا جاتا ہے۔ اب دن چڑھ آیا ہے پلیوگیویا گھر پر نہیں کیونکہ یافین کی خبر لینے کے لئے ہسپتال گئی ہوئی ہے.... کسی جگہ بچے کے چلانے کی آواز آ رہی ہے اور وار کا کسی کو اپنی آواز میں ہی گنگناتا ہوا سنتی ہے۔
’’ سو جاؤ میرے ننھے چاند سو جاؤ....‘‘
اتنے میں پلیو گیویا واپس آتی ہے اور اپنی چھاتی پر صلیب کا نشان بناتے ہوئے دبی زبان میں کہتی ہے۔’’ ڈاکٹروں نے اسے رات تک کے لئے تو اچھا کر دیا۔ مگر صبح کے وقت اس نے اپنی روح خدا کے حوالے کر دی.... خدا اس کی روح کو چین بخشے.... وہ کہتے ہیں کہ اسے بہت دیر بعد ہسپتال لایا گیا۔ اس لئے چاہئے تھا کہ وہ پہلے وہاں چلا جاتا۔‘‘
وار کا یہ سنتے ہی دیوانہ وار سڑک پر چلانا شروع کر دیتی ہے مگر دفعتاً کوئی شخص اس کے سرپر ایسی ضرب لگاتا ہے کہ اس کی پیشانی ایک درخت کے تنے سے ٹکراتی ہے.... آنکھ اٹھا کر دیکھتی ہے تو سامنے اسے اپنا آقا.... یعنی پاپوش ساز نظر آتا ہے۔
’’ نابکار! .... بچہ چلا رہا ہے اور تم گہری نیند سو رہی ہو۔‘‘ پاپوش ساز وارکا کو سر پر تھپڑ مارتا ہوا کہتا ہے۔
وار کا سر کو جنبش دے کر جھولا ہلانا اور لوری دینا شروع کر دیتی ہے۔ کمرے میں روشنی کے دھبے اور کپڑوں کے سائے کانپتے ہیں اور وار کا کی طرف دیکھتے ہیں سر ہلاتے ہوئے معلوم ہوتے ہیں۔ تھوڑی دیر بعد سب چیزیں پھر وارکا کے دماغ پر قابو پا لیتی ہیں۔ ا ب پھر وہ کیچڑ سے بھری ہوئی سڑک دیکھتی ہے جس میں تھیلیوں والے شخص گہری نیند سو رہے ہیں۔ انہیں سوتے دیکھ کر وار کا کے دل میں بھی خواہش پیدا ہوتی ہے کہ وہ تھوڑی دیر کے لئے سو جائے۔مگر اس کی ماں پلیو گیویا اس کے ساتھ ہے جو اسے آگے دھکیل رہی ہے.... وہ دونوں نو کری ڈھونڈنے کی خاطر شہر کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
’’ خدا را ہمیں کچھ بھیک دیجئے۔ خدا را ہم پر رحم فرمائیے۔ اس کی ماں راہ گزروں سے مانگتی ہے۔
’’ بچے کو یہاں بھیج دو۔‘‘ ایک مانوس آواز جواب دیتی ہے۔
وہی آواز دو بارہ پکارتی ہے۔’’ بچے کو یہاں بھیج دو.... کیا سن رہی ہو! بد قسمت لڑکی؟‘‘ یہ سنتے ہی وار کا اچھل پڑتی ہے اور اپنے ارد گرد دیکھتی ہے کہ معلوم کرے معاملہ کیا ہے.... اب نہ وہ بڑی سڑک ہے اور نہ اس کی ماں پلیوگیویا اور نہ ہی وہ شخص جن سے وہ بھیک مانگ رہی تھی۔اگر کوئی اس وقت کمرہ میں موجود ہے تو اس کی مالکہ جو بچے کو دودھ پلانے کے لیے آئی ہوئی ہے۔
وار کا کھڑی انتظار کر رہی ہے کہ وہ مالکہ کے دودھ پلانے کے بعد بچے کو پھر لے لے۔ کھڑکیوں سے باہر دھندلی سی روشنی نظر آ رہی ہے۔ کمرے میں کپڑوں کے سائے اور روشنی کے دھبے آہستہ آہستہ زرد ہو رہے ہیں .... تھوڑی دیر بعد سورج طلوع ہو گا۔
’’ اسے لے جاؤ.... عرصہ سے چلا رہا ہے،معلوم ہوتا ہے، اس پر جادو کیا گیا ہے۔‘‘مالکہ اپنے کوٹ کے بٹن بند کرتے ہوئے کہتی ہے۔
وار کا بچے کو لے کر جھولے میں لٹا دیتی ہے اور اسے ہلانا شروع کر دیتی ہے۔روشنی کے دھبے اور سائے قریباً قریباً غائب ہو چکے ہیں۔ اب کمرہ میں کوئی ایسی چیز موجود نہیں جو اس کے دماغ اور آنکھوں پر اثر پذیر ہو سکے مگر وہ پھر بھی پہلے کی طرح سونا چاہتی ہے۔
وارکا اپنا سر جھولے کے کنارے پر رکھ کر کوشش کرتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح نیند پر غلبہ پالے۔ مگر بے سود، اس کی آنکھیں ملی جا رہی ہیں اور سر بدستور بھاری ہو رہا ہے۔
’’ وار کا انگیٹھی میں کوئلے ڈالو۔‘‘ وہ دروازے سے اپنے آقا کی آواز سنتی ہے۔ چنانچہ اب وقت آگیا ہے کہ وار کا اٹھ کر گھر کا کام کاج شروع کر دے.... جھولے کو چھوڑ کر کوئلہ لانے کے لئے بھاگی ہوئی گودام میں جاتی ہے.... وہ اب بہت خوش ہے.... اس لئے کہ جب بدن حرکت میں ہو تو نیند بہت کم ستاتی ہے۔
کوئلہ لا کر وہ انگیٹھی گرم کرتی ہے۔ اب اسے محسوس ہوتا ہے کہ اس کا چوبی چہرہ پھر زندگی اختیار کر رہا ہے اور خیالات آہستہ آہستہ صاف ہو رہے ہیں۔
’’ وار کا سماوار گرم کرو۔‘‘اس کی مالکہ چلاتی ہے۔
اس پر وارکا لکڑی کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹتی ہے اور ابھی انہیں جلانے نہیں پائی ہوتی کہ ایک تازہ حکم سنتی ہے۔
’’ وار کا اپنے مالک کے بڑے بوٹ صاف کرو۔‘‘
وہ بڑے بوٹوں کو لے کر فرش پر بیٹھ جاتی ہے اور سوچتی ہے کہ کیا ہی اچھا ہو کہ اگر وہ اس بڑے بوٹ میں سر ڈال کر تھوڑا آرام کر لے۔....یک لخت وہ بوٹ بڑھنا شروع ہوتا ہے اور سارے کمرے میں پھیل جاتا ہے وار کا کے ہاتھ سے برش گر پڑتا ہے مگر وہ اسی وقت سر کو جنبش دیکر آنکھیں کھول دیتی ہے اور اپنے گردو نواح کی چیزوں کو اس انداز سے دیکھنے کی کوشش کرتی ہے تاکہ وہ بڑی ہو کر آنکھوں کے سامنے حرکت نہ کریں۔
’’ وار کا! سیڑھیوں کو دھو ڈالو.... اتنی میلی سیڑھیاں دیکھ کر گاہک کیا خیال کریں گے۔ مجھے تو شرم محسوس ہوتی ہے۔
وار کا سیڑھیوں کے دھونے کے علاوہ کمرے کو بھی صاف کرتی ہے اور پھر دوسرے سماوار کو گرم کرنے کے بعد دکان کی طرف بھاگی جاتی ہے۔
اسے وہاں بہت کام کرنے ہیں ، اس لئے وہ ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کر سکتی۔
اس سے بڑھ کر کوئی اور تکلیف دہ کام نہیں ہو سکتا کہ باورچی خانہ میں میز کے قریب بیٹھ کر آلو تراشے جائیں۔ وار کا کا سر میز پر جھکا جا رہا ہے۔آلو اس کی آنکھوں کے سامنے رقص کرتے نظر آتے ہیں۔ چاقو اس کے ہاتھ سے پھسل جاتا ہے اور اس کے کانوں میں مالکہ کی آواز گونج رہی ہوتی ہے جو اس کے قریب قمیص کو کہنیوں تک چڑھائے بلند آواز میں باتیں کر رہی ہوتی ہے۔
سارا دن کپڑے دھونے، برتن صاف کرنے،کھانا چننے اور سینے پرونے میں بسر کرنا بھی آلو تراشنے کی طرح تکلیف دہ ہے.... کبھی کبھی ان کاموں سے تنگ آ کر وار کا اتنی بیتاب ہو جاتی ہے کہ ننگے فرش پر سو جائے۔
دن گزر جاتا ہے....کھڑکیوں کو تاریک ہوتے دیکھ کر وارکا کنپٹیوں کو زور سے دباتی ہے جو چوب خشک سے تراشی ہوئی محسوس ہوتی ہیں .... سنتی ہے۔ گو اسے خود معلوم نہیں کیوں ؟
شام کی بڑھتی ہوئی تاریکی اس کی نیم وا آنکھوں کے لئے وعدہءِ خواب لے کر آتی ہے مگر تھوڑی دیر کے بعد مہمان آ جاتے ہیں۔
’’ وار کا سماوار گرم کرو۔‘‘ اس کی مالکہ بلند آواز میں حکم دیتی ہے۔
چونکہ سماوار چھوٹا ہے، اس لئے اسے تمام مہمانوں کو چائے پلانے کے لئے اسے پانچ چھ مرتبہ گرم کرنا پڑتا ہے۔ چائے تقسیم کرنے کے بعد وار کا دوسرے احکام کی منتظر ایک گھنٹہ تک وہاں کھڑی رہتی ہے۔
’’ وارکا بھاگ کر تین بوتلیں بیئر کی خرید لاؤ۔‘‘
وار کا اس خیال سے کہ تیز دوڑنے سے نیند کا غلبہ دور ہو جائے گا، بیئر خریدنے کے لئے بھاگی ہوئی جاتی ہے۔
’’ وار کا تھوڑی سی وودکا لاؤ!.... وارکا بوتل کھولنے کا اوزار لاؤ.... وار کا اس گلاس کو صاف کرو۔‘‘
آخرش مہمان رخصت ہو جاتے ہیں۔ کمرے کی روشنی گل کر دی جاتی ہے اور آقا و مالکہ دونوں سونے کے لئے چلے جاتے ہیں۔
’’ بچے کا جھولا ہلاتی رہو۔‘‘ وار کا آخری حکم سنتی ہے۔
انگیٹھی میں جھینگر درد ناک راگ الاپتے ہیں۔ روشنی کے دھبے اور کپڑوں کے سائے کا رقص وارکا کی آنکھوں پر پھر قابض ہو کراس کے دماغ کو دھندلا بنا دیتا ہے۔
’’ سو جاؤ میرے ننھے سو جاؤ۔‘‘ وہ گنگنانا شروع کر دیتی ہے۔ بچہ چلاتا اور چلاتے چلاتے تھک جاتا ہے.... اب وارکا وہی کیچڑ سے لت پت سڑک، تھیلوں والے مزدور،اپنی ماں پلیو گیویا اور باپ کو دیکھتی ہے.... وہ ان دھندلی تصویروں کو اچھی طرح سمجھتی ہے، سب کو پہچانتی ہے۔ مگر نیم خوابی کی حالت میں وہ اس طاقت کو جس نے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ رکھے ہیں ، جو اس کی چھاتی پر بوجھ ڈال رہا ہے اور اسے زندہ رہنے دیتا نہیں ، نہیں سمجھ سکتی۔ اس طاقت کی جستجو کے لئے وہ اپنے ارد گرد نظر دوڑاتی ہے تا کہ اس کے پنجوں سے بھاگ نکلے۔ مگر بے سود۔ آخر کار اس تلاش سے تنگ آ کر وہ اس قوت کو ڈھونڈنے کے لئے آخری کوشش کرتی ہے۔ وہ اپنی تمام قوتیں صرف کر دیتی ہے۔
روشنی کے رقصاں دھبوں اور کپڑوں کے متحرک سائے پر نظر دوڑانے کے بعد وہ اس دشمن کو پا لیتی ہے جو اس کی زندگی میں سد راہ ہو رہا ہے۔
و ہ دشمن بچہ تھا۔
و ہ ہنستی ہے، اس خیال سے ایسے آسان معمے کا حل وہ اس سے پہلے نہ کر سکی روشنی کے دھبے، کپڑوں کے سائے اور جھینگر بھی مسکراتے اور متحیر معلوم ہوتے ہیں۔یہ خیال وارکا کے دماغ پر پوری طرح مسلط ہو جاتا ہے۔ چوکی سے اٹھ کر مسکراتی ہوئی، بغیر جھپکنے والی آنکھوں سے کسی مو ہوم چیز کو دیکھتی ہوئی وہ کمرے میں ٹہلنا شروع کر دیتی ہے.... وہ خوش ہے اور یہ خیال اس کی خوشی کو دو بالا کر رہا ہے کہ تھوڑے عرصے کے بعد وہ جس نے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ رکھے ہیں موجود نہ ہو گا۔ بچے کی موت کے بعد نیند.... نیند.... نیند....
روشنی کے دھبوں کو دیکھ کر ہنستی، آنکھیں جھپکاتی اور انگلیوں کو حرکت دیتی ہوئی وارکا بچے کے جھولے کی طرف بڑھتی ہے۔
بچے کو ہلاک کر کے وہ فوراً زمین پر لیٹ جاتی ہے۔.... خوشی کی وجہ سے ہنستی ہے کہ وہ اب آرام سے سو سکے گی.... تھوڑی دیر کے بعد وہ گہری نیند سو جاتی ہے.... موت کی گہری نیند۔
٭٭٭

چیخوف

ایثار

میں شکار کھیلنے کے بعد گھر کے باغ کی روش پر سے گزر رہا تھا۔ میرا وفادار کتا مجھ سے چند گزوں کے فاصلے پر دوڑتا چلا جا رہا تھا۔
یک لخت اس کی رفتار مدھم پڑ گئی۔ اگلے پنجوں کو اس طرح اٹھانے لگا گویا کسی شکار کو سونگھ رہا ہے۔
جب میں نے روش پر نظر دوڑائی تو مجھے قریب ہی زمین پر چڑیا کا ایک بچہ دکھائی دیا جس کی چونچ زرد تھی اور بدن پر نرم نرم روئیں اُگ رہے تھے۔ یہ غالباً اپنے گھونسلے سے گر پڑا تھا کیونکہ آج ہوا بہت تیز چل رہی تھی اور روش کے آس پاس لگے ہوئے درخت زور زور سے ہل رہے تھے۔
معصوم بچہ چپ چاپ زمین پر بیٹھا ہوا تھا۔ اڑنے کے لئے ننھے ننھے پر پھیلا تا مگر اتنی طاقت نہ تھی کہ پرواز کر سکے.... بیچارہ پھڑ پھڑا کر رہ جاتا۔
میرا کتا اس کی طرف آہستہ آہستہ جا رہا تھا کہ دفعتاً قریب کے درخت سے ایک چڑیا اتری اور کتے اور بچے کے درمیان زمین پر اس طرح آ پڑی جیسے پتھر گر پڑا ہو۔ کتے کے کھلے ہوئے جبڑوں کی طرف دیکھ کر ایک درد ناک اور رحم طلب آواز میں چلائی اور اس کی طرف جھپٹ پڑی.... وہ اپنے ننھے بچے کو میرے کتے سے بچانا چاہتی تھی۔ اسی غرض کے لئے اس نے اسے اپنے بدن سے ڈھانپ لیا اور چیخ و پکار شروع کر دی.... اس کے چھوٹے گلے میں آواز گھٹنے لگی.... تھوڑی دیر کے بعد بے جان ہو کر گری اور مر گئی.... اور اس طرح اپنے آپ کو قربان کر دیا۔
وہ اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے بچے کو کتے کا لقمہ بنتے نہیں دیکھ سکتی تھی۔ اس کی نظروں میں میرا کتا غالباً ایک ہیبت ناک دیو کی مانند تھا۔
وہ کیا شے تھی جو چڑیا کو شاخ صنوبر سے کشاں کشاں زمین پر لائی؟ میرا کتا حساس تھا۔ چڑیا کو اس طرح قربان ہوتے دیکھ کر ٹھٹکا اور ایک طرف ہٹ گیا۔ میں نے اسے اپنی طرف اشارہ سے بلا لیا اور آگے بڑھ گئے۔
یہ واقعہ دیکھ کر مجھے تسکین سی معلوم ہوئی۔ روح سے ایک بوجھ ہلکا ہوتا نظر آیا۔ اس بہادر چڑیا کی غیر معمولی جرات نے میرے دل میں احترام اور احساس فرض کے جذبات موجزن کر دئیے۔
میں نے خیال کیا کہ محبت، موت اور اس کی ہیبت سے کہیں زیادہ ہے اور صرف محبت ہی ایسی چیز ہے جو زندگی کے نظام کو قائم اور متحرک رکھتی ہے۔
٭٭٭

سلوگب

پتھر کی سرگزشت

شہر میں پتھر کی ایک سڑک تھی۔
گزرتی ہوئی گاڑی کے پہئے نے ایک پتھر کو دوسرے پتھر سے جدا کر دیا۔ اس پتھر نے دل میں سوچا’’ مجھے اپنے ہم جنسوں کے ساتھ موجودہ حالت میں نہیں رہنا چاہیے بہتر یہی ہے کہ میں کسی اور جگہ جا کر رہوں۔‘‘
ایک لڑکا آیا اور اس پتھر کو اٹھا کر لے گیا۔
پتھر نے دل میں خیال کیا’’ میں نے سفر کرنا چاہا۔ تو سفر بھی نصیب ہو گیا.... صرف آہنی ارادہ کی ضرورت تھی۔’’ لڑکے نے پتھر کو ایک گھر کی جانب پھینک دیا۔
پتھر نے خیال کیا’’ میں نے ہوا میں اڑنا چاہا تھا، یہ خواہش بھی پوری ہو گئی.... صرف ارادہ کی دیر تھی۔ پتھر کھٹ سے کھڑکی کے شیشہ پر لگا۔
شیشہ یہ کہہ کر چکنا چور ہو گیا۔’’ بدمعاش.... ایسا کرنے سے تمہارا کیا مطلب ہے؟‘‘
’’ تم نے بہت اچھا کیا جو میرے راستے سے ہٹ گئے۔ میں نہیں چاہتا کہ لوگ میرے راستے میں حائل ہوں۔ ہر ایک چیز میری مرضی کے مطابق ہونی چاہئے۔ یہ میرا اصول ہے۔‘‘
یہ کہہ کر پتھر ایک نرم بستر پر جا پڑا۔
پتھر نے بستر پر پڑے ہوئے خیال کیا’’ میں نے کافی سفر کیا۔ اب ذرا دو گھڑی آرام تو کر لوں۔‘‘
ایک نو کر آیا اور اس نے پتھر کو بستر پرسے اٹھا کر باہر سڑک پر پھینک دیا۔
سڑک پر گرتے ہی پتھر نے اپنے ہم جنسوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا’’ بھائیو! خدا تمہیں سلامت رکھے۔ میں ابھی ابھی ایک عالیشان عمارت سے ہو کر آ رہا ہوں لیکن اس کی شان و شوکت مجھے بالکل متاثر نہ کر سکی۔ میرا دل تم لوگوں کی ملاقات کے لئے بے تاب تھا چنانچہ اب میں واپس آگیا ہوں۔‘‘
٭٭٭

سلوگب

مساوات

ایک بڑی مچھلی نے ایک ننھی سی مچھلی کو پکڑ لیا اور اسے نگل جانا چاہا۔
ننھی مچھلی نے چلا کر کہا’ ’یہ سراسر بے انصافی ہے۔ میں تمہاری طرح زندہ رہنا چاہتی ہوں۔ قانون کی نظر میں ہم سب مچھلیاں یکساں ہیں۔‘‘
بڑی مچھلی نے جواب دیا۔’’ میں تم سے اس بات پر ہر گز بحث کرنے کے لئے تیار نہیں کہ ہم سب ایک ایسے ہیں۔ اگر تم میرا شکار ہونا پسند نہیں کرتیں تو آؤ مجھے اپنا شکار بنا لو۔
آؤ نا! مجھے نگل لو، ڈرتی کا ہے کو ہو۔‘‘
چھوٹی مچھلی نے بڑی مچھلی کو نگلنے کے لئے منہ کھولا، مگر بے سود۔
آخر کار تنگ آ کر کہنے لگی’’ تم مجھے نگل لو۔‘‘
٭٭٭

چریکوف

جادو گر

شہر میں سخت بد امنی کا دور دورہ تھا۔ ہڑتال پہ ہڑتال ہو رہی تھی۔ یہ فتنہ کار خانوں سے شروع ہوا اور آہستہ آہستہ آگ کی طرح شہر کے ہر گوشہ میں پھیل گیا۔
اس شورش کو فرد کرنے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کو عمل میں لائی۔مگر بے سود وہ شورش مٹنے والی نہ تھی۔
شہر اگرچہ پہلے کی طرح گو ناگوں دلچسپیوں کا مرقع تھا۔ اس کے بازاروں میں ویسی ہی رونق قائم تھی اور خرید و فروخت حسب معمول جاری تھی۔ با ایں ہمہ کوئی شخص بھی یہ کہے بغیر نہ رہ سکتا تھا کہ شہر میں ایک اضطراب کی لہر دوڑ رہی ہے اور معمولی سے معمولی واقعہ ایک عظیم ہیجان کا موجب بن رہا ہے۔
برقنداز کی سیٹی کی آواز لوگوں کے دلوں پر بہت ہیبت طاری کر دیتی تھی۔
اکثر لوگ تو سیٹی کی آواز سن کر دوڑ جاتے کہ دیکھیں کیا ما جرا ہے۔ مگر بعض اپنے آپ کو دو کانوں میں چھپا لیتے.... مگر وہ آخر کس سے چھپ رہے تھے؟.... وہ کونسی شے تھی۔ جو انہیں اس قدر خوفزدہ کر رہی تھی؟ لیکن یہ کسی شخص کو معلوم نہ تھا اور پھر بھی ہر شخص کو ڈر تھا کہ کوئی خوفناک اور ہیبت ناک واقعہ ضرور پیش ہو کر رہے گا۔
عموماً چیتھڑوں میں ملبوس مزدور بازار میں کھڑے دبی زبان میں باتیں کرتے نظر آتے راستہ چلتے ہوئے وہ امیر لوگوں کی طرف حقارت اور نفرت کی نگاہوں سے دیکھتے۔ مگر وہ ان کے زرد اور غلیظ چہروں کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہ دیکھتے تھے۔
ایسے شخص اپنے بھدے چہروں اور غلیظ لباس سے ان بازاروں کی خوبصورتی کو جو بہار کے جاں آفریں موسم میں عروس نو بہار کی طرح سجے ہوئے تھے، ملوث کر رہے تھے۔ یہ عجیب شخص نا خواندہ مہمانوں کی طرح شہر کے با رونق بازاروں میں آوارہ چکر لگاتے۔ مگر ان سے کوئی شخص ہمکلام نہ ہوتا کہ مبادا اس سے ان کے جسم بھی ویسے ہی غلیظ ہو جائیں لیکن جو نہی کسی برقنداز کی ان پر نگاہ پڑ جاتی وہ لوگوں کے دلوں میں ارتعاش خفی پیدا کرتے ہوئے مختلف سمتوں میں بھاگے جاتے تھے۔
’’ امی!یہ مزدور ہیں کیا؟‘‘
’’ ہاں ، ہاں ! لیکن تم چلتے جاؤ اور پیچھے مڑ کر نہ دیکھو۔‘‘
’’ لیکن امی وہ بھاگ کیو ں رہے ہیں ؟‘‘
’’ پولیس سے.... دیکھو اب ایسی باتیں نہ کرو۔‘‘
’’لیکن کیوں ؟.... کیا انہیں سڑکوں پر چلنے کا حکم نہیں ؟‘‘
’’ انہیں اجازت نہیں۔‘‘
’’ انہیں اجازت کیوں نہیں ؟‘‘
’’ خدا کے لئے مجھے تنگ نہ کرو.... اپنا ہاتھ مجھے پکڑاؤ اور جلدی جلدی چلنے کی کوشش کرو.... نہیں تو ہمیں بھی کسی برقنداز کا کوڑا....‘‘
سرگ نے اپنی ماں کا ہاتھ پکڑ لیا اور اس کے ساتھ ساتھ دوڑنا شروع کر دیا مزدوروں کے گروہ کے منتشر ہونے پر ماں سخت خوفزدہ ہو گئی تھی۔ اس کی اس وقت صرف یہی خواہش تھی کہ کسی طرح وہ اپنے مکان میں پہنچ جائے۔
’’ کیا یہ مزدور شریر ہیں امی؟‘‘
’’ کون؟.... کون؟‘‘
’’ مزدور۔‘‘
’’مجھے معلوم نہیں .... وہ اچھے بھی ہیں اور برے بھی.... مگر وہ کام ہی نہیں کرتے۔‘‘
’’ کیا وہ مست ہیں ؟‘‘
’’ہاں ، ہاں ! .... مگر تم ٹھہرو مت....اور اس کی طرح مست نہ بنو۔‘‘
’’کیا وہ بڑے ہیں امی؟‘‘
’’وہ ابھی جواب بھی نہ دینے پائی تھی کہ چند گھوڑا سوار سپاہی بازار میں نمودار ہوئے۔ ان میں سے ایک نے اپنے گھوڑے کے ایک کوڑا رسید کیا۔
کوڑے کی آواز سرگ کی ماں کے کانوں میں اس طرح گونجی جیسے بندوق کی آواز۔ وہ چلائی اور بغیر کرایہ طے کئے سرگ کو ایک گاڑی میں دھکیل کر کوچوان کی طرف دیکھتے ہوئے خوفزدہ لہجہ میں کہا’’ جلدی کرو.... جلدی کرو.... جہاں تک جلدی ہو سکے۔‘‘
’’ مگر کہاں مادام!‘‘ کوچوان نے مودبانہ کہا۔
’’ تم سیدھے چلے چلو.... آہ میرے خدا.... جلدی چلو۔‘‘
’’ خوف مت کیجئے مادام! وہ ہمیں ہاتھ تک نہیں لگائیں گے۔‘‘
جب گاڑی بازار کا پہلا مو ڑ مڑی توسرگ کی ماں کی جان میں جان آئی اور اطمینان کا سانس لے
کر بولی:
’’ دیکھو.... میں تمہیں ساڑھے چار آنے سے زیادہ کرایہ نہیں دینے کی۔‘‘
’’ مگر یہ کرایہ مناسب نہیں محترمہ!‘‘
’’ تو پھر گاڑی ٹھہرا لو.... ہم ٹریم کار میں گھر چلے جائیں گے۔‘‘
’’ بہت بہتر مادام.... مگر مجھے ڈر ہے کہ آپ کو بے فائدہ وقت ضائع کرنا پڑے گا.... ٹریم کاریں آج نہیں چلیں گی۔‘‘
’’کون کہتا ہے؟‘‘
’’ میں نے کل سنا تھا کہ ٹریم کار چلانے والے مزدور ہڑتال کر رہے ہیں۔‘‘
اسی اثنا میں مزدوروں کا ایک گروہ گاڑی کے قریب سے گزرا اور سرگ کی ماں پھر خوفزدہ ہو گئی اور کوچوان کو اشارہ کیا کہ وہ گاڑی کو پھر چلا دے۔
سرگ اپنی ماں کی گود میں بیٹھا ہوا اس گروہ کی طرف خوفزدہ نگاہوں سے دیکھ رہا تھا۔
’’ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ پولیس ان لوگوں کے پیچھے اتنی سر گرداں کیوں ہو رہی ہے۔ اگر وہ کام نہیں کرتے....تو نہ کریں .... کچھ عرصہ کے بعد بھوک سے تنگ آ کر خود ہی سرنگوں ہو جائیں گے۔
’’ آپ درست فرما رہی ہیں مادام؟.... آپ ایک حیوان کو فاقہ کشی کے حربہ سے مطیع کر سکتے ہیں اور یہی حربہ انسان کے لئے بھی استعمال ہو سکتا ہے۔ مگر ایک غریب انسان کو اس طرح آزار پہنچانا گناہ ہے.... گناہ کبیرہ!‘‘ کوچوان نے اپنی گھنی داڑھی کو کھجاتے ہوئے کہا۔
کچھ دیر خاموش رہ کر کوچوان پھر سرگ کی ماں کی طرف متوجہ ہوا اور کہا’’ دیکھئے آپ ایک قیمتی چغہ پہنے ہوئے ہیں اور میں ایک بھدا کوٹ۔ مگر یہ بتلائیے ان دونوں چیزوں کو تیار کرنے والا کون ہے؟‘‘
’’ اس کے متعلق زیادہ غور و فکر کی ضرورت نہیں۔ اگر تمہارے پاس بھی روپیہ ہو تو تم بھی ایسے قیمتی کپڑے پہن سکتے ہو.... اگر ہمارے آدمی کام نہیں کریں گے تو کیا غیر ممالک سے چیزیں منگائی نہیں جا سکتیں ؟‘‘
’’ لیکن اگر ذرائع آمدورفت ہی بند ہو گئے تو.... یعنی اگر ریلوے کے مزدوروں نے بھی ہڑتال کر دی تو پھر آپ وہ چیزیں کہاں سے منگوائیں گی؟‘‘
’’ ایسا خیال کرنا محض بے وقوفی ہے.... گورنمنٹ بھلا کیا ایسا کرنے کی اجازت دے گی؟‘‘
’’ معلوم نہیں مادام! مگر میں نے سنا ہے کہ ریل والے بھی عنقریب ہڑتال کرنے والے ہیں۔‘‘
سرگ، ماں اور کوچوان کی گفتگو کو بڑے غور سے سن رہا تھا۔وہ یہ سب کچھ سن کر سخت حیران تھا کہ وہ لوگ جو دوسروں کے کپڑے اور دیگر اشیا تیار کرتے ہیں ، بازاروں میں پولیس سے اس طرح کیوں بھاگتے پھرتے ہیں۔
اس کی ماں نے ابھی ابھی اسے ایک نیا کوٹ خرید کر دیا تھا جو اس وقت اس کے گھٹنوں پر کاغذ میں لپٹا ہوا پڑا تھا۔سرگ بہت خوش تھا کہ اس کی ماں نے اسے یہ کوٹ اس وقت سے پہلے خرید کر دیا جبکہ وہ وقت آ رہا تھا کہ کپڑے تیار ہونے بھی بند ہو جاتے۔
’’ امی! کیا میرا نیا کوٹ بھی انہوں نے تیار کیا ہے؟‘‘
’’ ہر ایک چیز.... ننھے میاں ! ہر ایک چیز انہی کی تیار کردہ ہے.... آپ کے جسم پر کوئی ایسی شے نہیں جو انہوں نے تیار نہ کی ہو۔‘‘ کوچوان نے بجائے ماں کے جواب دیا۔
ماں نے سرگ کے ہاتھ کو جھٹکا دیتے ہوئے سخت غصہ کے لہجہ میں کہا ’’زیادہ بک بک نہ کرو سرگ! تمہیں کوچوان سے گفتگو نہیں کرنی چاہئے۔‘‘
مگر کوچوان چپ نہ رہا اور اس موضوع پر دیر تک اپنے خیالات کا اظہار کرتا رہا’’ معلوم نہیں وہ تمہیں گرفتار کیوں نہیں کرتے۔‘‘ سرگ کی ماں نے کوچوان سے مخاطب ہو کر کہا۔ اس پر کوچوان چپ ہو گیا اور تمام راستہ اس بارے میں گفتگو نہ کی۔
سرگ خیالات کا ہجوم لئے گھر میں داخل ہوا۔ وہ ہنوز یہ نہیں کہہ سکتا تھا کہ مزدور برے ہیں یا اچھے۔
’’ سونیا! آج ہم نے مزدور دیکھے۔.... مزدور‘‘ سرگ نے اپنی بہن کو پر اسرار لہجہ میں کہا۔
’’وہ کس شکل کے ہیں سرگ؟‘‘
’’ وہ.... وہ کسانوں کی طرح ہیں میرے خیال میں۔‘‘
گھر میں ان شخصوں کی بات جنہوں نے کار خانوں اور فیکٹریوں کو بند کر دیا تھا اور کام کرنے سے انکار کر دیا تھا، ہر روز گفتگو ہوتی۔ مگر سرگ اس گفتگو سے بھی کوئی نتیجہ بر آمد کرنے سے قاصر رہا۔وہ تا حال وثوق سے نہیں کہہ سکتا تھا کہ آیا وہ لوگ اچھے ہیں یا برے۔
ایک روز اس نے اپنے خادم آگنیش سے دریافت کیا ’’کیا لوگ کار خانہ کو بند کر سکتے ہیں ؟‘‘
’’ بہت آسانی سے ننھے آقا!‘‘
’’ لیکن کس طرح؟‘‘
’’ بس وہ کام کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔‘‘
’’ لیکن ان کے بغیر کار خانہ چل ہی نہیں سکتا کیا؟‘‘
’’ کار خانے کس طرح چلیں ننھے آقا۔ جبکہ ان کے بغیر کوئی کام ہی نہیں ہو سکتا۔‘‘
’’ اچھا تو یہ بات ہے؟.... اسی طرح میرا نیا کوٹ بھی ان کے بغیر نہ تیار ہو سکتا۔‘‘
’’ یقیناً۔‘‘
’’ اور میرا چھوٹا کوٹ بھی؟‘‘
’’ چھوٹا کوٹ، پاجامہ اور قمیص بھی.... اگر وہ سب چیزیں تیار نہ کرتے تو آپ ویسے ہی ہوتے جیسے قدرت نے آپ کو پیدا کیا تھا۔
’’ بالکل عریاں ؟.... بے وقوف آدمی.... مگر میری امی مجھے دوسرے ملک سے کپڑے منگوا دیتی۔‘‘
’’ مگر اس طرح تمہیں بہت انتظار کرنا پڑتا لیکن اگر وہاں بھی اس طرح ہڑتال ہوتی یا اگر ذرائع آمدورفت ہی بند ہو جاتے تو؟‘‘
’’ ریل گاڑیاں بھی بند ہو جائیں گی کیا؟‘‘
’’ افواہ تو ایسی ہی ہے۔‘‘
’’ تو پھر میرے ابا کس طرح آئیں گے؟ میں انہیں کس طرح مل سکوں گا؟‘‘
’’ اس حالت میں انہیں پیدل سفر کرنا پڑے گا۔‘‘
’’ خبر دار جو ایسی بات کہی! میں امی کو کہہ دوں گا کہ تم میرے ابا کی نسبت ایسے الفاظ استعمال کر رہے تھے۔‘‘
یہ کہہ کر سرگ تھوڑی دیر کے لئے چپ ہو گیا اور کچھ سوچنے لگا۔
لیکن چند منٹ کے بعد اپنے کوٹ کی آستین کو پکڑ کر کہنے لگا۔’’ اور تم کہو گے یہ آستین بھی انہی کے ہاتھ کی سلی ہوئی ہے۔‘‘
’’ کیوں نہیں ؟‘‘ تمہاری والدہ نے صرف تمہیں جنم دیا ہے باقی....‘‘
...............................................................................
دو دن کے بعد ٹریم کاریں چلنی بند ہو گئیں۔ اخبار شائع نہ ہوئے۔ غسل خانوں پر قفل لگ گئے۔وہ بازار جو گیس سے بقعۂ نور بنے ہوئے ہوتے تھے، سخت تاریک ہو گئے۔ اس کے دو دن بعد ریل گاڑیوں کی آمدورفت بھی یک لخت بند ہو گئی جس سے شہر میں سخت ہیجان برپا ہو گیا اور لوگ اپنے عزیز و اقربا کے خطوط کا بے چینی سے انتظار کرنے لگے۔
سرگ کا ابا کبھی کا گھر آگیا ہوتا۔ مگر گاڑیوں کے بند ہو جانے کی وجہ سے گھر نہ پہنچ سکا۔ اس واقعہ نے گھر بھر کو سخت ہیجان میں مبتلا کر دیا تھا۔ سرگ کو صحن میں کھیلنے کی اجازت نہ تھی اس لئے وہ سارا دن کھڑکی میں بیٹھا بازار کے واقعات کو غور سے دیکھتا رہتا۔
’’ کیا ابا گھر نہیں آئیں گے امی؟‘‘
’’ وہ مجبور ہیں سرگ.... گاڑیوں کی آمدورفت ہی بند ہے۔‘‘
’’امی! کیا یہ مزدور جو چاہیں کر سکتے ہیں ؟‘‘
’’ کیا؟‘‘
’’ میرا مطلب ہے کہ آیا یہ لوگ گاڑیوں کی آمدورفت بھی بند کر سکتے ہیں۔‘‘
’’ معلوم تو یہی ہوتا ہے.... مگر اب تم مجھے ستاؤ مت! اتنا کہتے ہوئے سرگ کی ماں کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے۔
یہ دیکھ کر سرگ خاموش ہو گیا اور پھر کھڑکی سے بازار کو حیران و پریشان نگاہوں سے دیکھنے لگ گیا۔
’’ اگر میرے بس میں ہو، تو میں ان مزدوروں کو ایک ایک کر کے ہلاک کر ڈالوں۔‘‘ اس نے اپنے دل میں کہا۔
شہر کی حالت لحظہ بہ لحظہ بد سے بدتر ہو رہی تھی....حالات پہلے کی نسبت زیادہ بدل رہے تھے.... اب بازاروں میں وہ پہلی سی رونق نہ تھی.... بہت سی دکانوں پر تالے پڑے ہوئے تھے.... رات کے وقت مسلح پولیس گشت لگاتی تاکہ شہر میں کوئی شورش برپا نہ ہونے پائے۔
ایک روز نصف شب کے قریب بازار میں اس قدر شور ہوا کہ سرگ اپنے بستر سے برہنہ پا بھاگ کر کھڑکی کے پاس دوڑا گیا تاکہ معلوم کرے وہ شور کیسا ہے۔ کیا دیکھتا ہے کہ بازار میں آگ کا الاؤ جل رہا ہے جس کے ارد گرد لوگ وحشیوں کی طرح چل پھر رہے ہیں۔
سرگ نے سوچا کہ یہ چیزیں کسی خوفناک واقعہ کی پیش خیمہ ہیں۔ اس خیال نے اس کی رگوں میں خون منجمد کر دیا۔ یہ خیال کر کے کہ وہ جن بھوتوں کی طرح اسے آگ پر بھون کر کھا جائیں گے، وہ اس قدر خوفزدہ ہوا کہ چلا اٹھا’’ امی! امی! مجھے سخت ڈر لگ رہا ہے۔‘‘ یہ کہہ کر وہ بھاگا ہوا اپنی ماں کے پاس گیا’’ سرگ تم سوتے کیوں نہیں ! جاؤ اپنے بستر پرجا لیٹو۔‘‘ ماں نے نیند سے بیدار ہوتے ہوئے کہا۔
’’ امی! وہ دیکھو بازار میں آگ جل رہی ہے۔ مجھے اس بات سے ڈر لگتا ہے۔‘‘
’’ جاؤ سرگ اپنے بستر پر جا لیٹو.... یہ آگ واگ کچھ بھی نہیں .... کاش! تمہارے ابا یہاں موجود ہوتے۔‘‘
’’ امی....‘‘
’’ ہاں ، میرے بچے!‘‘
’’ میں آپ کے پاس آ جاؤں ؟.... مجھے ڈر لگ رہا ہے۔‘‘
’’ کس سے؟ میرے جگر کے ٹکڑے۔‘‘
’’ جادوگر سے امی۔‘‘
’’ وہ کونسا جادوگر۔‘‘
’’ بہت سے جادو گر ہیں امی.... مختلف قسم کے جادوگر۔‘‘
’’ تو پھر میرے پاس آ جاؤ۔‘‘
سرگ خوشی خوشی اپنی ماں کے پاس جا لیٹا اور اپنے آپ کو لحاف میں چھپا کر کہنے لگا۔’’ امی وہ لوگ سب کچھ کر سکتے ہیں۔‘‘
اس کی ماں تو تھوڑی دیر کے بعد ہی سو گئی مگر سرگ لحاف سے منہ نکال کر سوچنے لگا کہ آیا وہ شخص برے ہیں یا اچھے مگر کوئی اطمینان بخش نتیجہ نہ نکال سکا۔
دوسرے روز صبح کو جب سرگ کو ناشتہ ملا تو اس کی حیرانی کی کوئی انتہا نہ رہی جب گرم گرم بسکٹوں کی بجائے اس نے میز پر سخت اور ٹھنڈی روٹی کے ٹکڑے دیکھے۔
’ ’ مجھے بسکٹ لا کر دو! میں ایسی فضول چیز نہیں کھانے کا.... تم بسکٹ نہیں لاتے؟‘‘
سرگ نے خشک روٹی کے ٹکڑوں کو میز سے ہٹاتے ہوئے کہا۔
’’ ننھے آقا! آپ کو خدا کا شکر کرنا چاہئے کہ ہمارے ہاں یہ خشک روٹی بھی موجود ہے۔‘‘ نو کر نے سرگ کو سمجھاتے ہوئے کہا۔
’’کیا کہا؟ جاؤ جاؤ یہ اٹھا لو.... امی! امی! مجھے بسکٹ لا کر دو۔‘‘
’’ سرگ پیارے! میں تمہیں بسکٹ کہاں سے لا کر دوں .... بسکٹ بنانے والے کار خانے ہی بند ہیں۔‘‘
’’وہ کیوں ؟‘‘
’’ کارخانے کے مزدوروں نے ہڑتال کر دی ہے۔‘‘
پھر وہی مزدور! سرگ ان مزدوروں کی حرکت سے تنگ آگیا تھا۔ تنگ آ کر بولا۔’’ مگر بسکٹوں کے بغیر صبح کا ناشتہ کیسے ہو گا؟‘‘
’’ ہم تمہارے بسکٹوں کے لئے کوشش کریں گے۔‘‘
’’ کیا گورنر انہیں مجبور نہیں کر سکتا کہ وہ بسکٹ تیار کریں۔‘‘
’’ سرگ پیارے! گورنر بیچارہ کیا کرے۔ وہ تو کسی کا حکم نہیں مانتے۔‘‘
’’ گورنر کا بھی؟‘‘
’’ گورنر کیا۔کسی کا بھی حکم نہیں مانتے۔
’’ تو پھر وہ گورنر سے بھی بڑے ہوئے نا!‘‘
’’سرگ ان باتوں کو چھوڑو اور خدا کا شکر کر کے یہی روٹی کھا لو۔‘‘
’’میں تو ایسی بھدی روٹی نہیں کھانے کا۔‘‘
’’ مگر تمہیں مجبوراً کھانی پڑے گی۔‘‘
’’ وہ کیوں ؟‘‘
سرگ کی حیرانی لحظہ بہ لحظہ اور روز بروز بڑھتی چلی گئی۔ وہ سخت حیران تھا کہ وہ لوگ جو کار خانوں کو چشم زدن میں بند کر سکتے ہیں ، جو گورنر تک کا حکم نہیں مانتے۔ پولیس سے اس طرح کیونکر بھاگتے پھرتے ہیں۔
اس نے خیال کیا کہ یہ لوگ ویسے ہی جادوگر ہیں جن کا حال میں عموماً کہانیوں میں پڑھا کرتا ہوں اور یہ کہ ان کے پاس بھی ان جادوگروں کی طرح ایسی ٹوپیاں ہوں گی جن کے پہننے سے وہ غائب ہو جاتے ہوں گے۔
جب گورنر ان کو کام سے کہتا ہو گا، تو وہ جھٹ ٹوپی پہن کر گورنر کی آنکھوں سے غائب ہو جاتے ہوں گے۔
بے چینی کی لہر آہستہ آہستہ بازاروں سے ہوتی ہوئی ان سر بفلک محلات میں بھی داخل ہو گئی۔ جن کے ساکنوں نے آج تک مصیبت اور تکلیف کا نام تک نہ سنا تھا۔
ب ان محلوں میں وہ پہلی سی شان و شوکت نہ رہی۔ خوشی کے نغمے اور قہقہے جن سے ان کی دیواریں ہمیشہ گونجا کرتی تھیں .... آہستہ آہستہ غائب ہو گئے۔ اب ان کی جگہ ایک نا معلوم خوف نے لے لی۔وہ جن کے کان خوف سے بالکل نا آشنا تھے اب ہر وقت کسی نا معلوم خوف سے ہراساں رہنے لگے۔ ایسے افراد میں سرگ کی والدہ کا شمار تھا۔
ایک روز شام کے قریب سرگ کے گھر میں بجلی کی رو بند ہو گئی۔ سرگ نے اپنی والدہ سے کہا’’ امی معلوم ہوتا ہے۔بجلی گھر کا انجن خراب ہو گیا ہے۔‘‘
’’ ملاقات کے کمرے کا لیمپ تو جلا کر دیکھو۔‘‘
’’ امی! اس کمرے کا کیا۔ کوئی لیمپ بھی نہیں جلتا۔‘‘
’’ کیا بجلی گھر میں تو ہڑتال نہیں ہو گئی؟‘‘
خادم آگنیش نے کہا’’ جی ہاں ! میں نے سنا ہے کہ بجلی گھر والوں نے کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔‘‘
’’ آگنیش! دیکھو گھر میں موم بتیاں ہیں ؟‘‘
’’ جی ہاں ! مگر بہت تھوڑی۔ ‘‘
اب اس گھر میں جو بجلی کی روشنی سے بقعہ نور بنا ہوا تھا تاریکی.... قیامت کی تاریکی مسلط تھی.... ہال میں بجلی کے قمقموں کے بجائے موم بتی کی زرد روشنی ٹمٹما رہی تھی۔ اس روشنی کے گرد سرگ اور اس کی ماں دونوں بیٹھے دن کے واقعات پر غور کر رہے تھے کہ باورچی خانہ سے خادم تازہ خبر لائے کہ تھوڑے دنوں کے بعد نلوں میں پانی آنا اور گوشت بکنا بھی بند ہو جائے گا۔
سرگ ان ہو شربا خبروں کو حیرت و استعجاب کی تصویر بنا ہوا سن رہا تھا۔ اب اسکے ننھے دماغ میں یہ خیال پوری طرح مسلط ہو گیا کہ مزدور لوگ ضرور جادو گرہیں .... بہت بڑے جادوگر جو صرف الہ دین کے چراغ ہی سے مطیع ہو سکتے ہیں۔
اگر یہ جادوگر چاہیں تو ایک اشارے سے ریل گاڑی چلنی شروع ہو سکتی تھی۔ اس کا باپ فوراً گھر آ سکتا ہے۔ ان کے حکم سے بجلی کی رو پھر واپس آ سکتی ہے اور کمرے پہلے کی طرح پھر جگمگا سکتے ہیں اور اگر وہ چاہیں تو اسے ہر روز صبح ناشتے کے ساتھ گرم اور تازہ توس مل سکتے ہیں۔
سرگ اس بات کا متوقع بھی نہ تھا، جب پندرہ دن کے بعد ایک دن یک لخت معجزے رونما ہوئے۔ یعنی ٹریم کاریں چلنی شروع ہو گئیں۔بجلی کی رو آ گئی۔ اخباروں کی اشاعت از سر نو جاری ہو گئی۔ صبح ناشتہ کے ساتھ توس ملنے لگ گئے اور اس کا باپ گھر آ گیا.... غرضیکہ اتنی اچھی باتیں بیک وقت ہو گئیں۔
ایک روز جب وہ اپنے ابا کے ساتھ بازاروں میں گھومنے کے لئے گیا۔ تو اس نے خلاف توقع بہت سے’’ جادوگروں ‘‘ کو آزادانہ چلتے پھرتے دیکھا۔جو ہاتھ میں جھنڈے پکڑے مختلف قسم کے راگ گاتے ہوئے بازاروں میں چکر لگا رہے تھے۔ جب سرگ واپس آیا تو اس نے چاہا کہ اب کی دفعہ اکیلا بازار میں جا کر ان’’ جا دو گروں ‘‘ کا تماشہ دیکھے۔
’’امی.... میری پیاری امی! بازار میں جادوگر گزر رہے ہیں کیا میں انہیں دیکھنے جاؤں ؟‘‘
’’ ہر گز نہیں ؟‘‘
’’ امی اب تو وہ بہت برے نہیں۔‘‘
اسی طرح کئی ماہ گزر گئے.... اب پہلے کی طرح امن تھا۔ کسی قسم کے شورش یا ہڑتال رونما نہ ہوئی۔ گھروں میں پھر خوشی کے نغمے اور قہقہے گونجنے لگے اور وہ نامعلوم خوف جو لوگوں کے دلوں پر مسلط ہو گیا تھا، رفتہ رفتہ بالکل غائب ہو گیا۔
ایک روز سرگ بڑا اداس ہو گیا.... اس کی ماں اور باپ دونوں تھیٹر گئے ہوئے تھے۔ گھر کی خادمہ کسی کام میں مشغول تھی اور اس کی بہن اپنی گڑیوں میں کھیل رہی تھی۔ سرگ حیران و پریشان ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں جا رہا تھا کہ وقت کاٹنے کے لئے کیا کرے۔
’’ دادی اماں ! بتائیے میں کیا کروں۔‘‘
’’ آؤ میرے پاؤں دباؤ۔‘‘
’’ میں نہیں دباتا.... پاؤں دبانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔‘‘
یہ کہہ کر وہ اسی خیال میں مستغرق دوسرے کمرے میں گیا اور اپنی بہن کی نئی گڑیا توڑ ڈالی۔ اس حرکت پر ماما سخت خفا ہوئی اور اس نے اسے کمرے سے باہر نکال دیا۔ اب وہ چاہتا تھا کہ باورچی خانہ میں ہر گز نہ جانے دے۔
سرگ نے تنگ آ کر کہا’’ مگر میں کیا کروں .... میں اکیلا ہوں۔‘‘
خادمہ نے سرگ سے پوچھا’’ کیا تمہارے لئے کوئی اور دلچسپی باقی نہیں رہی؟‘‘
’’ یہ کون باتیں کر رہا ہے؟‘‘
’’ باورچن کا خاوند آیا ہوا ہے۔ وہی باتیں کرتا ہو گا۔‘‘
’’ یہ دلچسپ چیز نہیں تو اور کیا ہے؟‘‘
’’ وہ دلچسپ کس طرح ہوا.... وہ معمولی سا آدمی ہے، ایک غریب مزدور۔
’’ باورچن کا خاوند ایک مزدور!‘‘
’’ کیوں۔‘‘
’’ایک جادوگر.... اب تو میں ضرور اندر جاؤں گا۔‘‘
’’ سرگ! اگر تم نے ایسا کیا تو میں تمہاری اماں سے کہہ دوں گی کہ تم نے ان کی نا فرمانی کی ہے۔‘‘
’’ تم چغل خور بھی ہو؟.... چغل خور! کہہ کر تو دیکھو۔ میں نے بھی انہیں بتا نہ دیا ہو کہ تم نے صبح دودھ پر سے بالائی اتار کر کھا لی تھی‘‘
’’ یہ بالکل غلط ہے.... میں نے تو دودھ میں سے مکھی نکالی تھی۔‘‘
سرگ بہت عرصے تک خادمہ سے جھگڑتا رہا۔ مگر اس نے اسے باورچی خانے میں جانے کی اجازت نہ دی۔
جب خادمہ کمرے سے چلی گئی تو سرگ نے اطمینان کا سانس لیا اور باورچی خانے کے دروازے کے قریب جا کر اسے آہستہ آہستہ کھولنا شروع کیا۔ سرگ میں اتنی ہمت نہ تھی کہ دروازہ ایک دم کھول دے۔ اس لئے وہ کچھ عرصہ سانس بند کئے دروازے کے ساتھ لگا رہا۔ تھوڑی دیر کے بعد ہمت کر کے اس نے کمرے کے اندر جھانکا.... ایک بھدا سا آدمی میز پر بیٹھا کچھ کھا رہا تھا۔ اس کی حرکت سے معلوم ہوتا تھا گویا وہ ڈر رہا ہے کہ کوئی شخص اس کا کھانا نہ چھین لے۔ اسی لئے وہ دوسرے ہاتھ سے پلیٹ کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے تھا۔
سرگ حیران تھا کہ وہ ’’جادوگر‘‘ کہاں ہے؟.... ایسا بھدا مزدور اتنا طاقتور جادوگر نہ ہو سکتا تھا۔
اس نے باورچی خانے کے ہر گوشہ میں نگاہیں دوڑائیں۔ مگر اس شخص اور باورچن کے سوا کسی اور کو موجود نہ پایا.... تو پھر اس کے یہ معنی تھے کہ وہ بد نما شخص ہی جا دو گر ہے۔ سرگ اس راز کو معلوم کرنے کے لئے باورچی خانے میں داخل ہو گیا جس پر’’ جادوگر‘‘ اس قدر چونکا کہ اس کے ہاتھ سے پلیٹ گرتے گرتے بچی۔
باورچن نے اپنے خاوند کو تسلی دیتے ہوئے کہا’’ تم کھانا کھائے چلو.... ننھے آقا تمہیں کچھ نہیں کہیں گے۔‘‘
سرگ نے حیران ہو کر پوچھا۔’’ ہیں ؟‘‘
’’ اپنی امی سے مت کہئے کہ یہ شخص شوربا پی رہا تھا.... یہ کھانے سے بچا ہوا تھا۔ ننھے آقا۔‘‘
’’ یہ شخص بہت بھوکا ہے۔ننھے آقا! آپ کو اس پر رحم کرنا چاہئے۔‘‘
’’ کون؟‘‘
’’ یہ شخص.... میرا خاوند۔‘‘
’’ تمہارا خاوند؟‘‘
’’ سرگ نے اپنے آپ کو یقین دلانے کی خاطر اس شخص کو غور سے دیکھا اور اپنے دل میں کہا۔اس جادو گر نے ضرور اپنی شکل تبدیل کر رکھی ہے۔
اور پھر کچھ دیر سوچنے کے بعد کہا:’’ تم جا دو گر ہو.... مجھے اچھی طرح معلوم ہے۔ تم جادوگر ہو!‘‘
مزدور نے ڈرتے ہوئے پوچھا۔’’ کون!‘‘
’’ تم اور کون!‘‘
’’ میں ایک غریب مزدور ہوں مگر آقا!‘‘
’’ لیکن تم جادوگر ہو.... مجھے یقین ہے کہ تم جادوگر ہو۔ تم سب کچھ کر سکتے ہو۔یہ سب حرکتیں تمہاری تھیں لیکن دیکھو اب ایسی حرکت نہ کرنا.... بغیر بجلی کے گھر میں سخت اندھیرا ہو جاتا ہے اور کارخانے بند کرنے سے مجھے بسکٹ نہیں ملتے۔‘‘
’’ جناب! میں نے تو ایسی حرکت کبھی نہیں کی.... میں ابھی جاتا ہوں۔‘‘
’’ تم مجھے دھوکہ دے رہے ہو۔ تم تو کسی سے خوفزدہ ہی نہیں ہوتے۔ میرا خیال تھا کہ تم مکان جتنے بڑے ہو گے۔ مگر معلوم ہوتا ہے کہ تم نے شکل تبدیل کر رکھی ہے۔‘‘
’’آپ میرا مذاق اڑا رہے ہیں۔ صرف اس لئے کہ میرے پاس کھانے کو کچھ نہیں۔ اس طرح مذاق اڑانا گناہ ہے۔ میرے آقا!‘‘
’’ میں نے خیال کیا تھا کہ تم بہت سنجیدہ ہو گے، مگر معلوم ہوتا ہے کہ تم مسخرے بھی ہو۔ شوربا پیتے وقت تمہارے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ اس لئے میں تم سے ذرہ بھر بھی خوفزدہ نہیں۔‘‘
اتنا کہہ کر سرگ باورچی خانہ سے باہر نکل کر دروازے میں کھڑا ہو گیا تاکہ اگر جادوگر اس کا تعاقب کرے۔ تو وہ دوڑ کر گھر میں بھاگ جائے۔ مگر خلاف توقع جادوگر نے اس کا تعاقب نہ کیا۔ سرگ نے مڑ کر دیکھا تو جادوگر....ہاں ؟ وہی جادو گر۔ ایک کونے میں کھڑا رو رہا تھا اور اپنے آنسوؤں کو اپنی غلیظ آستین سے صاف کر رہا تھا۔
’’ ایک جادوگر ہو کر تم رو رہے ہو! اچھا ہوا تمہیں ایسی ہی سزا ملنی چاہیے۔ تم نے میرے اباکو گھر میں کیوں نہ آنے دیا تھا؟.... تم نے بجلی کی رو کیوں بند کر دی تھی؟ تم نے میرے بسکٹ بنانے کیوں بند کر دیئے تھے؟ اب تمہیں خدا نے خوب سزا دی ہے۔ روؤ!
اور خوب روؤ....
یہ کہہ کر سرگ خوشی کے نعرے مارتا ہوا گھر میں چلا گیا اور خادمہ کے پاس جا کر کہنے لگا:
’’اب میں اس جادو گر سے نہیں ڈرتا.... ذرہ بھر بھی نہیں ڈرتا۔‘‘
٭٭٭

(فرانسیسی شاعر وکٹر ہیوگو کی ایک نظم کے تاثرات)

ماہی گیر

سمندر رور رہا تھا۔ مقید لہریں پتھریلے ساحل کے ساتھ ٹکرا ٹکرا کر آہ و زاری کر رہی تھیں۔ دور.... پانی کی رقصاں سطح پر چند کشتیاں اپنے دھندلے اور کمزور باد بانوں کے سہارے بے پناہ سردی سے ٹھٹھری ہوئی کانپ رہی تھیں آسمان کی نیلی قبا میں چاند کھلکھلا کر ہنس رہا تھا۔ ستاروں کا کھیت اپنے پورے جو بن میں لہلہا رہا تھا.... فضا سمندر کے نمکین پانی کی تیز بو میں بسی ہوئی تھی۔
ساحل سے کچھ فاصلے پر چند شکستہ جھونپڑیاں خاموش زبان میں ایک دوسرے سے اپنی خستہ خالی کا تذکرہ کر رہی تھیں .... یہ ماہی گیروں کے سر چھپانے کی جگہیں تھیں۔
ایک جھونپڑی کا دروازہ کھلا تھا۔ جس میں چاند کی آوارہ شعاعیں زمین پر رینگ رینگ کر اس کی کاجل ایسی فضا کو نیم روشن کر رہی تھیں۔ اس اندھی روشنی میں دیوار پر ماہی گیر کا جال نظر آ رہا تھا۔ اور ایک چوبی تختے پر چند تھالیاں جھلملا رہی تھیں۔
جھونپڑی کے کونے میں ایک ٹوٹی ہوئی چار پائی، تاریک چار دروں میں ملبوس اندھیرے میں سر نکالے ہوئی تھی۔ اس کے پہلو میں پھٹے ہوئے ٹاٹ پر پانچ بچے محو خواب تھے.... ننھی روحوں کا ایک گھونسلا جو خوابوں سے تھر تھرا رہا تھا۔ پاس ہی ان کی ماں نہ معلوم کن خیالات میں مستغرق گھٹنوں کے بل بیٹھی گنگنا رہی تھی۔
یکایک وہ لہروں کا شور سن کر چونکی.... بوڑھا سمندر کسی آنے والے خطرے سے آگاہ، سیاہ چٹانوں ، تند ہواؤں اور نصف شب کی تاریکی کو مخاطب کر کے گلا پھاڑ پھاڑ کر چلّا رہا تھا۔ وہ اٹھی اور بچوں کے پاس جا کر ہر ایک کی پیشانی پر اپنے سر دلبوں سے بوسہ دیا۔ اور وہیں ٹاٹ کے ایک کونے میں بیٹھ کر دعا مانگنے لگی۔ لہروں کے شور میں یہ الفاظ بخوبی سنائی دے رہے تھے۔
’’اے خدا!.... اے بیکسوں اور غریبوں کے خدا، ان بچوں کا واحد سہارا، رات کا کفن اوڑھے سمندر کی لہروں کے ساتھ کھیل رہا ہے.... موت کے عمیق گڑھے پر پاؤں لٹکائے ہے.... صرف ان کی خاطر وہ ہر روز اس دیو کے ساتھ کشتی لڑتا ہے.... اے خدا! تو اس کی جان حفاظت میں رکھیو ....آہ!! اگر یہ صرف نوجوان ہوتے ، اگر یہ صرف اپنے والد کی مدد کر سکتے۔‘‘
یہ کہہ کر خدا معلوم اسے کیا خیال آیا کہ وہ سر سے پیر تک کانپ گئی۔ اور ٹھنڈی آہ بھر کر تھرتھراتی ہوئی آواز میں کہنے لگی۔’’ بڑے ہو کر ان کا بھی یہی شغل ہو گا۔ پھر مجھے چھ جانوں کا خدشہ لا حق رہے گا۔
’’ آہ !کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ غربت، غربت!‘‘
یہ کہتے ہوئے وہ اپنی غربت اور تنگ دامانی کے خیالات میں غرق ہو گئی۔ دفعتاً وہ اس اندھیرے خواب سے بیدار ہوئی اور اس کے دماغ میں ہوٹلوں کی دیو قامت عمارتیں اور امراء کے راحت کدوں کی تصویریں کھنچ گئیں۔ان عمارتوں کی دلفریب راحتوں اور امراء کی تعیش پر ستیوں کا خیال آتے ہی اس کے دل پر ایک دھند سی چھا گئی.... کلیجے پر کسی غیر مرئی ہاتھ کی گرفت محسوس کر کے وہ جلدی سے اٹھی۔ اور دروازے سے تاریکی میں آوارہ نظروں سے دیکھنا شروع کر دیا۔
اس کی یہ حرکت خیالات کی آمد کو نہ روک سکی۔ وہ سخت حیران تھی۔ کہ لوگ امیر اور غریب کیوں ہوتے ہیں۔ جب کہ ہر انسان ایک ہی طرح ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتا ہے۔ اس سوال کے حل کے لئے اس نے اپنے دماغ پر بہت زور دیا۔ مگر کوئی خاطر خواہ جواب نہ آ سکا۔ ایک اور چیز جو اسے پریشان کر رہی تھی۔ وہ یہ تھی کہ جب اس کا خاوند اپنی جان پر کھیل کر سمندر کی گود سے مچھلیاں چھین کر لاتا ہے تو کیا وجہ ہے کہ مارکیٹ کا مالک بغیر محنت کئے ہر روز سینکڑوں روپے پیدا کر لیتا ہے۔ اسے یہ بات خاص طور پر عجیب سی معلوم ہوئی کہ محنت تو کریں ماہی گیر اور نفع ہو مارکیٹ کے مالک کو۔ رات بھر اس کا خاوند اپنا خون پسینہ ایک کر دے۔ اور صبح کے وقت آدھی کمائی اس کی بڑی توند میں چلی جائے .... ان تمام سوالوں کا کچھ جواب نہ پا کر وہ ہنس پڑی۔ اور بلند آواز میں کہنے لگی:۔
’’ مجھ بے عقل کو بھلا کیا معلوم ہو۔ یہ سب کچھ خدا جانتا ہے مگر....‘‘ اس کے بعد وہ کچھ کہنے والی تھی۔ کہ کانپ اٹھی....’’ اے خدا میں گنہگار ہوں۔ تو جو کرتا ہے بہتر کرتا ہے.... ایسا خیال کرنا کفر ہے۔‘‘
یہ کہتی ہوئی وہ خاموشی سے اپنے بچوں کے پاس آ کر بیٹھ گئی اور ان کے معصوم چہروں کی طرف دیکھ کر بے اختیار رونا شروع کر دیا۔
باہر آسمان پر کالے بادل مہیب ڈائنوں کی صورت میں اپنے سیاہ بال پریشان کئے چکّر کاٹ رہے تھے۔ کبھی کبھی اگر کوئی بادل کا ٹکڑا چاند کے درخشاں رخسار پر اپنی سیاہی مل دیتا۔ تو فضا پر قبر کی تاریکی چھا جاتی۔ سمندر کی سیمیں لہریں گہرے رنگ کی چادر اوڑھ لیتیں۔ اور کشتیوں کے مستولوں پر ٹمٹماتی ہوئی روشنیاں اس اچانک تبدیلی کو دیکھ کر آنکھیں جھپکنا شروع کر دیتیں۔
ماہی گیر کی بیوی نے اپنے میلے آنچل سے آنسو ،خشک کئے اور دروازے کے پاس کھڑی ہو کر دیکھنے لگی۔ کہ آیا دن طلوع ہوا ہے یا نہیں۔ کیونکہ اس کا خاوند طلوع کی پہلی کرن کے ساتھ ہی گھر واپس آ جایا کرتا تھا۔ مگر صبح کا ایک سانس بھی بیدار نہ ہو ا تھا۔ سمندر کی تاریک سطح پر روشنی کی ایک دھاری بھی نظر نہ آ رہی تھی۔ بارش کاجل کی طرح تمام فضا پر برس رہی تھی....بوڑھا سمندر کھانس رہا تھا۔
وہ بہت دیر تک دروازے کے پاس کھڑی اپنے خاوند کے خیال میں مستغرق رہی۔ جو اس بارش میں سمندر کی تند موجوں کے مقابلے میں لکڑی کے ایک معمولی تختے اور کمزور باد بان سے مسلح تھا۔ وہ ابھی اس کی عافیت کے لئے دعا مانگ رہی تھی کہ یکا یک اس کی نگاہیں اندھیرے میں ایک شکستہ جھونپڑی کی طرف اٹھیں۔ جو تاروں سے محروم آسمان کی طرف ہاتھ پھیلائے لرز رہی تھی۔
اس جھونپڑی میں روشنی کا نام تک نہ تھا۔ کمزور دروازہ کسی نا معلوم خوف کی وجہ سے کانپ رہا تھا۔ تنکوں کی چھت ہوا کے دباؤ تلے دو ہری ہو رہی تھی۔
آہ! خدا معلوم بیچاری بیوہ کا کیا حال ہے.... اسے کئی روز سے بخار آ رہا ہے....’’ ماہی گیر کی بیوی زیر لب گنگنا ئی۔ اور یہ خیال کرتے ہوئے کہ شاید کسی روز وہ بھی اپنے خاوند سے محروم ہو جائے.... کانپ اٹھی۔
وہ شکستہ جھونپڑی ایک بیوہ کی تھی۔ جو اپنے کم سن بچوں سمیت روٹی کے قحط میں موت کی گھڑیاں کاٹ رہی تھی۔ مصیبت کی چلتی ہوئی دھوپ میں اس پر کوئی سایہ کرنے والا نہ تھا۔ رہا سہا سہارا دو ننھے بچے تھے۔ جو ابھی مشکل سے چل پھر سکتے تھے۔
ماہی گیر کی بیوی کے دل میں ہمدردی کا جذبہ امڈا۔ بارش کے بچاؤ کے لئے سر پر ٹاٹ کا ایک ٹکڑا رکھ کر اور ایک اندھی لالٹین روشن کر نے کے بعد وہ جھونپڑی کے پاس پہنچی۔ اور دھڑ کتے ہوئے دل سے دروازے پر دستک دی.... لہروں کا شور، اور تیز ہواؤں کی چیخ پکار اس دستک کا جواب تھے وہ کانپی اور خیال کیا کہ شاید اس کی اچھی ہمسایہ گہری نیند سو رہی ہے۔
اس نے ایک بار پھر آواز دی، دروازہ کھٹکھٹایا، مگر جواب پھر خاموشی تھا.... کوئی صدا، کوئی جواب اس جھونپڑی کے بو سیدہ لبوں سے نمودار نہ ہوا۔ یکایک دروازہ، جیسے اس بے جان چیز نے رحم کی لہر محسوس کی۔ متحرک ہوا۔ اور کھل گیا۔
ماہی گیر کی بیوی جھونپڑی کے اندر داخل ہوئی۔ اور اس خاموش قبر کو اپنی اندھی لالٹین سے روشن کر دیا۔ جس میں لہروں کے شور کے سوا مکمل سکون طاری تھا۔ پتلی چھت سے بارش کے قطرے بڑے بڑے آنسوؤں کی صورت میں سیاہ زمین کو تر کر رہے تھے.... فضا میں ایک مہیب خوف سانس لے رہا تھا۔
ماہی گیر کی بیوی اس خوف ناک سماں کو دیکھ کر جو جھونپڑی میں سمٹا ہو ا تھا۔ سر تا پا ارتعاش بن کر رہ گئی۔ آنکھوں سے گرم گرم آنسو چھلکے۔ اور بے اختیار اچھل کر بارش کے ٹپکے ہوئے قطروں کے ساتھ ہم آغوش ہو گئے۔ اس نے ایک سرد آہ بھری اور درد ناک آواز میں کہنے لگی:
’’ آہ!.... تو ان بو سوں کا جو جسم کو راحت بخشتے ہیں۔ ماں کی محبت، گیت، تبسم ہنسی، اور ناچ کا ایک ہی انجام ہے.... یعنی قبر! آہ میرے خدا!!‘‘
اس کے سامنے پھوس کے بستر پر بیوہ کی سرد لاش اکڑی ہوئی تھی۔ اور اس کے پہلو میں دو بچے محو خواب تھے۔ لاش کے سینے میں ایک آہ کچھ کہنے کو رکی ہوئی تھی۔ اس کی پتھرائی ہوئی آنکھیں جھونپڑی کی خستہ چھت کو چیر کر تاریک آسمان کی طرف ٹکٹکی لگائے دیکھ رہی تھیں۔ جیسے انہیں کچھ پیغام دینا ہو۔
ماہی گیر کی بیوی اس وحشت خیز منظر کو دیکھ کر چلّا اٹھی۔ تھوڑی دیر دیوانہ وار ادھر ادھر گھومی۔ یکایک اس کی نمناک آنکھوں میں ایک چمک پیدا ہوئی۔ اور اس نے لپک کر لاش کے پہلو کچھ چیز اٹھا کر اپنی چادر میں لپیٹ لی۔ اور اس دار الخطر سے لڑکھڑاتی ہوئی اپنی جھونپڑی کی طرف بھاگ نکلی۔
چہرے کے بدلے ہوئے رنگ اور لرزاں ہاتھوں سے اس نے اپنی جھولی کو میلے بستر پر خالی کر دیا۔ اور اس پر پھٹی ہوئی چادر ڈال دی۔ تھوڑی دیر بیوہ سے چھینی ہوئی چیز کی طرف دیکھ کر وہ اپنے بچوں کے پاس زمین پر بیٹھ گئی۔مطلع سمندر کے افق پر سفید ہو رہا تھا۔ سورج کی دھندلی شعاعیں تاریکی کا تعاقب کر رہی تھی۔ ماہی گیر کی بیوی بیٹھی اپنے احساس جرم کے شکستہ تار چھیڑ رہی تھی۔ ان غیر مربوط الفاظ کے ساتھ کن سری لہریں اپنی مغموم تانیں ملا رہی تھیں۔
’’ آہ! میں نے بہت برا کیا ہے! اب اگر وہ مجھے مارے تو مجھے کوئی شکایت نہ ہو گی.... یہ بھی عجیب ہے کہ میں اس سے خائف ہوں جس سے محبت کرتی ہوں .... کیا واپس چھوڑ آؤں .... نہیں .... شاید وہ مجھے معاف کر دے!‘‘
وہ اسی قسم کے خیالات میں غلطاں و پیچاں بیٹھی ہوئی تھی کہ ہوا کے زور سے دروازہ ہلا۔ یہ دیکھ کر اس کا کلیجہ دھک سے رہ گیا۔ اٹھی۔ اور کسی کو نہ پا کر وہیں متفکر بیٹھ گئی۔
’’ ابھی نہیں .... بیچارہ.... اسے ان بچوں کے لئے کتنی تکلیف اٹھانا پڑتی ہے۔ اکیلے آدمی کو سات پیٹ پالنے پڑتے ہیں۔.... مگر یہ شور کیا ہے؟‘‘
یہ آواز چیختی ہوئی ہوا کی تھی۔ جو جھونپڑی کے ساتھ رگڑ کر گزر رہی تھی۔
’’ اس کے قدموں کی چاپ!.... آہ! نہیں ہوا ہے۔‘‘ یہ کہہ کر وہ پھر اپنے اندرونی غم میں ڈوب گئی۔ اب اس کے کانوں میں ہواؤں اور لہروں کا شور مفقود ہو گیا .... سینے میں خیالات کا تصادم کیا کم شور تھا۔
آبی جانور ساحل کے آس پاس چلّا رہے تھے۔ پانی میں گھسے ہوئے سنگریزے ایک دوسرے سے ٹکرا کر کھن کھنا رہے تھے۔ کشتی کے چپوؤں کی آواز صبح کی خاموش فضا کو مرتعش کر رہی تھیں .... ماہی گیر کی بیوی کشتی کے آمد سے بے خبر اپنے خیالات میں کھوئی ہوئی تھی۔
دفعتاً دروازہ ایک شور کے ساتھ کھلا.... صبح کی دھندلی شعاعیں جھونپڑی میں تیرتی ہوئی داخل ہوئیں .... ساتھ ہی ماہی گیر کاندھوں پر ایک بڑا سا جال ڈالے دہلیز پر نمو دار ہوا۔
اس کے کپڑے رات کی بارش اور سمندر کے نمکین پانی سے شرابور ہو رہے تھے۔ آنکھیں شب بیداری کی وجہ سے اندر کو دھنسی ہوئی تھیں ، جسم سردی اور غیر معمولی مشقت سے اکڑا ہوا تھا۔
’’ نسیم کے ابا، تم ہو‘‘! ماہی گیر کی بیوی چونک اٹھی۔ اور عاشقانہ بیتابی سے اپنے خاوند کو چھاتی سے لگا لیا۔
’’ ہاں ، میں ہوں پیاری‘‘۔
یہ کہتے ہوئے ماہی گیر کے کشادہ مگر مغموم چہرے پر مسرت کی ایک دھندلی روشنی چھا گئی، وہ مسکرایا بیوی کی محبت نے اس کے دل سے رات کی کلفت کا خیال محو کر دیا تھا۔
’’ موسم کیسا تھا؟‘‘ بیوی نے محبت بھرے لہجے میں دریافت کیا....
’’ تند‘‘!
’’ مچھلیاں ہاتھ آئیں ‘‘؟
’’ بہت کم.... آج رات تو سمندر قزاقوں کے گروہ کی مانند تھا۔‘‘
یہ سن کر اس کی بیوی کے چہرے پر مردنی چھا گئی۔ ماہی گیر نے اسے مغموم دیکھا۔ اور مسکراکر بولا۔
’’ تو میرے پہلو میں ہے.... میرا دل خوش ہے‘‘۔
’’ہوا تو بہت تیز ہو گی‘‘؟
’’ بہت تیز، معلوم ہو رہا تھا، کہ دنیا کے تمام شیطان مل کر اپنے منحوس پر پھڑ پھڑا رہے ہیں۔۔ جال ٹوٹ گیا۔ رسیاں کٹ گئیں۔ اور کشتی کا منہ بھی ٹوٹتے ٹوٹتے بچا‘‘۔ پھر اس گفتگو کا رخ بدلتے ہوئے ’’مگر تم شب بھر کیا کرتی رہی ہو پیاری‘‘؟
بیوی کسی چیز کا خیال کر کے کانپی۔ اور لرزاں آواز میں جواب دیا:
’’ میں !.... آہ، کچھ بھی نہیں ....سیتی پروتی رہی، تمہاری راہ تکتی رہی لہریں بجلی کی طرح کڑ ک رہی تھیں۔ مجھے سخت ڈر لگ رہا تھا‘‘۔
’’ ڈر!.... ہم لوگوں کو ڈر کس بات کا....‘‘
’’اور ہاں ، ہماری ہمسایہ بیوہ مر گئی ہے‘‘۔ بیوی نے اپنے خاوند کی بات کاٹتے ہوئے کہا۔
ماہی گیر نے یہ درد ناک خبر سنی۔ مگر اسے کچھ تعجب نہ ہوا۔ شاید اس لئے کہ وہ ہر گھڑی اس عورت کی موت کی خبر سننے کا متوقع تھا۔اس نے آہ بھری، اور صرف اتنا کہا:’’ بیچاری سدھار گئی ہے!‘‘
’’ ہاں ، اور دو بچے چھوڑ گئی ہے، جو لاش کے پہلو میں لیٹے ہوئے ہیں ‘‘۔
یہ سن کر ماہی گیر کا جسم زور سے کانپا۔ اور اس کی صورت سنجیدہ و متفکر ہو گئی۔ ایک کونے میں اپنی اونی ٹوپی، جو پانی سے بھیگ رہی تھی۔ پھینک کر سر کھجلا اور کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد اپنے آپ سے بولا:
’’ پانچ بچے تھے، اب سات ہو گئے.... اس سے پیشتر ہی اس تند موسم میں ہمیں دو وقت کا کھانا نصیب نہیں ہوتا تھا۔ اب مگر خیر .... یہ میرا قصور نہیں۔ اس قسم کے حوادث بہت گہرے معانی رکھتے ہیں ‘‘۔
وہ کچھ عرصے تک اسی طرح سر گھٹنوں میں دبائے سوچتا رہا۔ اسے یہ سمجھ نہ آتا تھا۔ کہ خدا نے ان بچوں سے جواس کی مٹھی کے برابر بھی نہیں۔ ماں کیوں چھین لی ہے؟.... ان بچوں سے جو نہ کام کر سکتے ہیں۔ اور نہ کسی چیز کی خواہش کر سکتے ہیں .... اس کا دماغ ان سوالوں کا کوئی حل نہ پیش کر سکا۔ وہ بڑبڑاتا ہوا اٹھا۔
’’ شاید ایسی چیزوں کو ایک پڑھا لکھا ہی سمجھ سکتا ہے۔‘‘ اور پھر اپنی بیوی سے مخاطب ہو کر بولا۔’’ پیاری جاؤ انہیں یہیں لے آؤ۔ وہ کس قدر وحشت زدہ ہوں گے اگر وہ صبح اپنی ماں کی لاش کے پاس بیدار ہوئے.... ان کی ماں کی روح سخت بے قرار ہو گی۔ جاؤ انہیں ابھی لے کر آؤ‘‘
یہ کہہ کر وہ دل میں سوچنے لگا۔ کہ ان بچوں کو اپنی اولاد کی طرح پالے گا۔ وہ بڑے ہو کر اس کے گھٹنوں پر چڑھنا سیکھ جائیں گے۔ خدا ان اجنبیوں کو جھونپڑی میں دیکھ کر بہت خوش ہو گا۔ اور انہیں زیادہ کھانے کو عطا کرے گا۔
’’ تمہیں فکر نہیں کرنا چاہئے، پیاری!.... میں زیادہ محنت سے کام کروں گا۔‘‘ اور پھر اپنی بیوی کو چار پائی کی طرف روانہ ہوتے دیکھ کر بلند آواز میں کہنے لگا۔’’ مگر تم سوچ کیا رہی ہوں .... اس دھیمی چال سے نہیں چلنا چاہئے تمہیں ‘‘
ماہی گیر کی بیوی نے چارپائی کے پاس پہنچ کر چادر الٹ دی۔وہ تو یہ ہیں۔‘‘دو بچے صبح کی طرح مسکرا رہے تھے۔
٭٭٭
کتاب ’باقیاتِ منٹو‘ سے ماخوذ
ماخذ:
http://www.urdunagri.com/controller.php?action=Bookpage_List&nId=8
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
پروف ریڈنگ، تصحیح ِ متن :۔ سید اویس قرنی (چھوٹا غالب)

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

روسی افسانے