اردو شاعری و کلام

شاعری

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (5,830 الفاظ)

روشنی کی خاموشی

عامر عباس عامر

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

ثنا

تیری ثنا کا شرف اب اٹھا ہی رکھوں گا
اب اس صحیفہ ِ دل پر سیاہی رکھوں گا
مجھے کمال ِ سخن دے، ثنا کا دے انداز

تیری صفات میرے سر برس رہی ہیں مگر
نگاہیں تیری دید کو ترس رہی ہیں مگر
میرا وجود تیرے نور کا ہی ٹکڑا ہے

نہ جانے عشق تیرا قسمت ِ غریب میں ہے
نہیں تو سر میرا شکنجہ ِ صلیب میں ہے
تجھے ہے واسطہ اپنی صفات ِ ذاتی کا

یہ دام ِ عیش و ہوس، مرکز ِ شراب و شباب
تیری گلی کا گدا بھی نہیں یہاں کا نواب
میرے نصیب میں راہ ِ عمل کا "ع" بھی رکھ

نہ مال و دولت و لعل و گہر، نہ زیور دے
میرے شعور کو نام ِ خدا کا محور دے
میرے عمل کو تو اپنی رضا کی دے بنیاد

عطائے رحمت ِ عالم میرے شمار میں رکھ
میرے نصیب میں سنت عمل قطار میں رکھ
مجھے سلوک کی راہوں پہ گامزن رکھنا

تو ہی آغاز مرا، تو ہی انتہا میری
ہے تیرے امر سے میری نظر، صدا میری
تیرے کرم کی کہاں ہے مثال، اے مالک !

تیرا یہ کھیل بھی اچھا کہ تجھ کو پہچانوں
تیری یہ چال سہانی کہ گر تجھے پا لوں
میرا مقام ِ شرف پھر سے مجھ کو دے دے گا

پر اب کے تو نے ہی میرے ذہن میں ڈالا ہے
کہ جس بہشت سے تو نے مجھے نکالا ہے
میں تجھ کو پا کے طلب اس کی رکھوں گا کیوں کر

تیرے کرم کا طلب گار میں تیرا بندہ
خود اپنے ہی سے شرمسار میں تیرا بندہ
میرے ضمیر کو تو ما تحت ِ حق کر دے

میرے لبوں کو اپنے نام سے سجا کہ ابھی
کلام ِ پاک سے دل آئینہ بنا کہ ابھی
مجھے قریب تیرے اور قریب آنا ہے

میرے علوم میں تو اس قدر اضافہ کر
کہ میرے قلب کو پر نور اک ستارہ کر
تیرے حبیب کو ہو ناز تیرے بندے پر

میرے قلم کو میری زندگی تلک رکھیو
میرا شعور میری بے خودی تلک رکھیو
تیری ثنا سے نہ عامر کو کیجیو فارغ
٭٭٭

ہو سکے تو سن لینا زندگی کی خاموشی
ڈھونڈنا اندھیروں میں روشنی کی خاموشی

سوچ کی چٹانوں کو کھوکھلا نہ کر لینا
توڑ دیکھنا اک دن یہ خودی کی خاموشی

آپ کے ترازو میں کس طرح برابر ہیں غم کدے کے سناٹے اور خوشی کی خاموشی

آپ کی محبت سے زندگی کی رونق ہے اور نہیں تو جیون ہے بے رخی کی خاموشی

آپ کی اداؤں میں ہم نے یہ بھی دیکھا ہے
پھلجھڑی کی شوخی اور پنکھڑی کی خاموشی

جب نظر ہوئی دو چار، تار مل گئے دل کے
بات کہہ گئی ساری، اجنبی کی خاموشی

وقت بیت جاتا ہے، یاد چھوڑ جاتا ہے عمر بھر ستاتی ہے اک گھڑی کی خاموشی

آج وہ مجھے آ کر دے گیا ہے یہ پیغام شور ِ پند سے بہتر آگہی کی خاموشی

دل میں آپ کے پنہاں ہے کوئی بڑا طوفان
کہہ رہی ہے یہ عامر شاعری کی خاموشی
٭٭٭

گھسے ہیں کوچۂ نخوت میں اس قدر جوتے
انہیں ہے ناز، ہوئے خاک پھر دگر جوتے

مجھے سنائی پڑی اپنے ہی نالے کی صدا ہوئے دہان کشا میرے سر بسر جوتے

تمہاری بزم ِ طرب ہم کو یاد رہتی ہے
نگہ میں پھرتے ہیں میری ادھر ادھر جوتے

وفور ِ شوق میں ہر آبلہ کہ خاک چنے دیار ِ یار کی چوکھٹ سے چاک کر جوتے

ہمارے پیر کہ اٹھتے نہیں زمیں سے بلند
تمہاری بات کہ لے پہنچے عرش پر جوتے

سبق ملا مجھے آوارگی سے یہ عامر کہ ہر قدم پہ پہنچتے ہیں پیشتر جوتے ٭٭٭

کچھ گھلا ملا کرو لوگوں میں وقت کچھ کاٹا کرو لوگوں میں

گھر سے اپنے کبھی تو نکلا کرو جا کے کچھ بیٹھا کرو لوگوں میں

اس قدر بے خبری ٹھیک نہیں کچھ کہا سنا کرو لوگوں میں

رات جاگو، یا اشک بار رہو دن میں تم نکلا کرو لوگوں میں

چاہے رونے کا جی ہی چاہتا ہو کھل کے تم ہنسا کرو لوگوں میں

کیوں ٹہلتے ہو آدھی رات گئے؟
سیر کچھ کیا کرو لوگوں میں

خامشی اس قدر بھی اچھی نہیں بات کچھ چھیڑا کرو لوگوں میں

لے کے جاؤ گے کیا تم اپنے ساتھ؟
پھر؟ غزل پڑھا کرو لوگوں میں

تم کدھر کھوئے کھوئے ہو عامر بزم میں رہا کرو لوگوں میں ٭٭٭

کچھ روز ہو گئے ہیں گماں ہوش میں نہیں
فکر ِ عزیز میں دل و جاں ہوش میں نہیں

یہ بزم ِ شادمان ہے کہ انجمن ِ غم یہ کیف ہے میرا کہ سماں ہوش میں نہیں

یہ میرا درد ہے کہ جہاں بھر کا درد ہے
میں ہوش میں نہیں کہ جہاں ہوش میں نہیں

پتھرائی ہوئی آنکھ میں کس بات کی جلن
دل سے جو اٹھ رہا ہے دھواں ، ہوش میں نہیں

کس بات کی کسک ہے دل ِ بے قرار میں
عامر دل ِ مصروف ِ فغاں ہوش میں نہیں
٭٭٭

کیسے کہیں کہ کس طرح اپنا کٹے ہے دن
ایک ایک پل کو ناپ کے گزرا کرے ہے دن

ڈستے ہیں شام رات ہمیں، عام دن ہو گر
تعطیل ہو تو سارا دن ہم کو ڈسے ہے دن

اکثر تمہاری یاد کا ہوتا ہے یہ اثر رہتی ہے رات رات، نہ ہی دن رہے ہے دن

ہوتا نہیں ہے کام جو آئے تیرا خیال آ جائے ایک بار تو پورا کرے ہے دن

دن بھر تمہاری یاد میں آہیں بھرے ہیں ہم
دن بھر ہمارے حال پہ آہیں بھرے ہے دن

گر آؤں ہوش میں تو بتاؤں کہ کس طرح
عامر سہے ہے رات اور کیسے سہے ہے دن
٭٭٭

کوہ ِ محبت سر کرنا آسان نہیں کوچہ ِ عشق سفر کرنا آسان نہیں

پھولوں کی اک سیج سجانا کیا مشکل ؟
کانٹوں کو بستر کرنا آسان نہیں

لیلیٰ کو جز بدنامی کیا ہاتھ لگا ؟
دامن چاک مگر کرنا آسان نہیں

سب کی آنکھوں میں کب ایسی گہرائی آنکھوں کو ساگر کرنا آسان نہیں

حیراں ہوں وہ کیسے دل میں بس بیٹھا میرے دل میں گھر کرنا آسان نہیں

میں بھی اس کو پیارا ہوں یہ ثابت ہے ورنہ اسے دلبر کرنا آسان نہیں

دن تو پھر کچھ کٹ جاتا ہے لوگوں میں تنہا شام سحر کرنا آسان نہیں

غم کی سرگم پر اشکوں کو روک لیا لیکن یہ اکثر کرنا آسان نہیں

مسجد میں سجدہ کرنا اک کھیل ہے اب پر زیر ِ خنجر کرنا آسان نہیں

جانے دل کی سیپ نے کیا کچھ جھیلا ہے قطرے کا گوہر کرنا آسان نہیں

عامر تو بس دل کا حال سناتا ہے دل کا حال ہنر کرنا آسان نہیں ٭٭٭

کس لئے کرتے ہو اتنا اہتمام ِ آرزو؟
کر رہا ہے کھوکھلا تم کو زکام ِ آرزو

پر سکوں پانا ہو خود کو گر تو اتنا کیجئے
باندھ کر دیکھیں ذرا اپنی لگام ِ آرزو

جنگ ر ہنی چاہئے جاری خلاف ِ فوج ِ نفس
کھینچتی ہے چونکہ دل کو سوئے دام ِ آرزو

بارہا پاتا ہوں میں حق سے کہ بانٹوں فرد فرد
’کچھ نہیں جز سنگ ِ راہ ِ حق ، کلام ِ آرزو‘

آخرت جب ہو سو ہو ، پر آپ اپنی زندگی
جی نہ پائیں گے اگر کر دیں بنام ِ آرزو

شرط ہے بے داغ دل قرب ِ الٰہی کے لئے
سنگ بن جاتا ہے کندن چھوڑ بام ِ آرزو

خدمت ِ مخلوق ہے آساں دوا اس مرض کی دن بدن خوراک سے پھر اختتام ِ آرزو

کیجئے صد شکر کہ پائی ہدایت آپ نے
ورنہ کتنے ہیں کہ عامر ہیں غلام ِ آرزو
٭٭٭

کس سے جا کر یہ پریشانی ِ خاطر کہئے
زخم ِ دل کیا کریں ، گر حال بظاہر کہئے

آپ کہ کہئے ہمیں شمع ِ مزار ِ ویراں گو ہمیں بزم ِ طرب کے لئے نادر کہئے

بزم میں تیری یہ دستور عجب ہے ، یعنی
غیر سے جس کو ہو نسبت ، اسے کافر کہئے

ہم تیرے دوست ہیں ، اور فکر سے تیری دوچار
گر ہمیں حق یہ نہیں ہے تو ذرا پھر کہئے!

ایک غم ہو تو زباں دم بھی بھرے کہنے کا
اب کسے جا کے دل و جاں کے دفاتر کہئے

بسکہ کرتا ہوں غم ِ دل کو سپرد ِ قرطاس
مانیے گر نہ دل آزردہ تو شاعر کہئے

اپنا غم بھول کے اب غم میں تیرے پاگل ہے
ایسے ایثار و محبت کو کیا عامر کہئے
٭٭٭

چھیڑ نہ دل کے تاروں کو ، اے حسن کے منظر سمجھا کر
مت کر اتنا شور بپا ، اے تیز سمندر! سمجھا کر

آنکھوں کو دیوار بنا دے ، آنسو کو مت گرنے دے
دل کے اے طوفان ٹھہر جا ! یار کی خاطر ، سمجھا کر

موجوں کا یوں آنا جانا کام نہیں بے کار کوئی
یہ بھی ہیں بے چین کسی کے یاد آنے پر ، سمجھا کر

میں نے تجھ سے کب چاہا ، تو بن کر میرا مجھ سے مل
میں ہوں تجھ کو دوست مگر تو میرا دلبر ، سمجھا کر

میری اپنی مجبوری ہے ، تیری اپنی مجبوری
اپنی اپنی حد میں ہیں ہم ، پھر کس کا ڈر؟ سمجھا کر

تیری صورت نہ دیکھوں تو چین کی کیا تدبیر کروں؟
تیرے بن جینا ہے مجھ کو ، جانتا ہوں ، پر سمجھا کر

اتنی الفت ٹھیک نہیں کہ رات گئے تک اشک بہیں
لیکن تیری یادوں کو میں روکوں کیوں کر؟ سمجھا کر

یار میرے دلدار! تجھے وہ خواب مبارک ہو تیرا
مجھ دیوانے کے بارے میں مت سوچا کر ، سمجھا کر

میرا دل یوں ہے کہ جیسے جام بھرا ہو الفت سے
الفت ہی الفت نکلے گی ، ٹوٹ گیا گر ، سمجھا کر

پانا کوئی شرط نہیں ، بس یار رہے خوش ، کافی ہے
یار کے غم اور تکلیفیں سب لے لے خود پر ، سمجھا کر

عامر تیرے عشق کی منطق میرے دل کو لگتی ہے
لیکن اس میں زیست لگے ہے موت سے بد تر ، سمجھا کر
٭٭٭

چاند نے جوں تیری جانب رو کیا تو نے روشن اس کا ہر پہلو کیا

گوشہ ِ تنہائی میں بیٹھا تھا میں تو نے آ کے محو ِ گفتگو کیا

آئینے میں عکس تھا میرا کبھی عشق نے پھر مجھ کو تو ہی تو کیا

تیری آمد سے چمن رنگیں ہوا بوئے گل کو خوشبوئے گیسو کیا

میں مکاں کو چھوڑ دوڑا دشت میں مجھ کو تیرے عشق نے آہو کیا

ایک ناوک نے ملائے دل جگر تھا کماں کا کام سو ابرو کیا

چارہ گر ناداں نہ بن ، بالیں پہ دیکھ مت سمجھ تو نے دوا دارو کیا

دل لگی کا یہ ہوا عامر اثر شوخ ہی چھوڑا نہ کچھ سادھو کیا ٭٭٭

پیام ِ راہبر مجھ تک گماں کا نامہ بر لایا
کہ ترک ِ نالہ ِ شب نے تیرا یہ حال دکھلایا

تیرے وعدہ بدلنے سے یہ آفت تجھ پہ آئی ہے
نہ تو منزل تلک پہنچا، نہ پھر گھر کہ پلٹ پایا

تیری اس پیروی ِ نفس نے تیرا سکوں لوٹا
تیری دنیا پرستی سے دل ِ شوقین مرجھایا

فغان ِ نیم شب سے شوق کو پھر زندگی دے دے
سمجھ، گر شوق کو پایا تو راہ ِ راست پر آیا

کہاں شوخی تیرے دل کی، کہاں ہے دلبری تیری؟
کہاں دیدار کا وہ شوق، جس نے تجھ کو تڑپایا ؟

تیرے محبوب کا تجھ کو سلام ِ آخری پہنچے
اگر عامر نہ اب بھی نیم خوابی سے تو باز آیا
٭٭٭

یہ گردوں کیوں روتا ہے جب ہم روتے ہیں
ہم غم میں روتے ہیں تو کیوں غم روتے ہیں

بے آنسو اکثر روتے ہیں دل ہی دل میں
اور کبھی کبھی کر کے آنکھیں نم روتے ہیں

اب سمجھے ہیں کیوں گل پر شبنم پڑتی ہے
اک دوجے کی بانہوں میں باہم روتے ہیں

روتے ہیں بہت جب یاد ستاتی ہے تیری جب تجھ سے مل کر آتے ہیں کم روتے ہیں

اپنے غم کو اکثر ہم دل میں رکھتے ہیں
پر تیرے غم میں ہو کر برہم روتے ہیں

ہم بھولے سے گر بھول بھی جائیں غم تیرا
سن کر ہم اکثر غم کی سرگم روتے ہیں

اب جان چھٹے گی کتنے غموں سے عامر، پر
اے خوئے تقاطر! پھر بھی لب ِ دم روتے ہیں
٭٭٭

یکتائے زمانہ ہو، ہر اک سے جدا تم ہو
اک حسن ِ جان لیوا ہو، ہوش ربا تم ہو

مے خانہ ِ الفت میں، اے پردہ نشیں ساقی!
ہم تشنہ ِ یک جلوہ، مجبور ِ حیا تم ہو

جوں ظلمت ِ شب ٹھہرے، مژگان ِ گہر باندھیں
اے کاش رسا ہو، جس عنوان ِ دعا تم ہو

کہیے تو نہ دم لیویں، چاہو تو قسم کھا لیں
سجدے میں مزا آوے جس دن سے خدا تم ہو

تم سیل ِ طہارت ہو، تم نور ِ حقیقت ہو
پابند ِ فنا ہم ہیں، قیوم و بقا تم ہو

رحمان بہت ہو پر جب تم کو جلال آئے محروم ِ چمن کر دو، صیاد نما تم ہو

مقصود آزمائش ہر لحظہ محبت میں پر خوب مہرباں ہو، چاہت کی جزا تم ہو

خاموش حقیقت ہو، بے دھن کی غزل جیسے
اپنے میں مگر کامل، پر سحر صدا تم ہو

بیمار ِ محبت ہوں، گرداب ِ کشاکش میں
اک دید دوا ٹھہری، کل اس کی شفا تم ہو

اب جی میں نہیں دنیا، کچھ غم نہ خوشی باقی
اک کیف ِ سکوں غالب، جو دل میں بچا، تم ہو!

ہر شے میں تیرا جلوہ، ہر شے میں تیری الفت
اے چشمہ ِ جاں افزا ! الفت کی بنا تم ہو

خدمت میں میری کوشاں رحمت کی رہی بارش
گو میں نے جفا سمجھی، تصویر ِ وفا تم ہو

اے جان ِ ادا، دلبر! کیا رشتہ مرا تیرا ؟
کیوں خدمت ِ بے مطلب؟ کیوں محو ِ وفا تم ہو؟

محشر کی کسے پروا، دوزخ میں پڑے جنت
مجھ کو تو یہی خوش ہے، اس بزم میں وا تم ہو

افعال بہت میرے لوگوں میں عجب ٹھہرے
عامر کے مگر دل میں کہتا ہوں کھلا، تم ہو!
٭٭٭

وہ ہم پہ ستم اور ستم کرتے رہیں گے ان کو ہے یہی خوئے کرم کرتے رہیں گے

کب چین کی تدبیر زمانہ کوئی دے گا
سوچیں گے تجھے، درد کو کم کرتے رہیں گے

جلتا ہے تو جل جائے جہاں خاک ہی ہو جائے
قربان تمہی پر دل و دم کرتے رہیں گے

عامر ہمیں ایسا بھی سخن کا نہیں دعویٰ
ہاں یہ کہ گزرتی کو رقم کرتے رہیں گے
٭٭٭

واعظ و زاہد کا ہے ایماں بہت ہم مگر رندوں میں بھی ارزاں بہت

دل فگاران ِ محبت کم نہیں ڈھونڈئیے، مل جائیں گے خواہاں بہت

وصل و فرقت کا تماشہ زندگی جان کر بھی ہم رہے ناداں بہت

ہر سحر ہم کو بنی پیغام ِ زیست ہم رہے اپنے ہی میں حرماں بہت

جز تیری زندانی ِ کاکل، مجھے ہیچ ہیں اس دہر کے زنداں بہت

کیا خبر، کس کے نصیبوں کا لکھا ہم نے کر رکھا ہے یہ ساماں بہت

آخری ہچکی پہ ہے جی میں خیال رہ گئے ہیں دل ہی میں ارماں بہت

شعر میں کیونکر حقیقت کہہ گیا ورنہ عامر سے سنا ہذیاں بہت ٭٭٭

نہیں یہ بات، وہ جانی نہیں ہے مرا ہی دل مگر شانی نہیں ہے

صبا کو ذوق ِ الفت کی خبر کیا تیرے کوچے کی دیوانی نہیں ہے

خدایا، عشق کا مطلب سکھا دے کہ جس کو شوق ِ قربانی نہیں ہے

بہت پر خار ہیں الفت کی راہیں محبت تخت ِ سلطانی نہیں ہے

کشادہ دل، کشادہ چشم رکھیے کوئی بھی موج طوفانی نہیں ہے

در و دیوار خالی ہیں تو کیا ہے میرے دل میں تو ویرانی نہیں ہے

میرا دل تیرے حسن ِ دل کا شیدا تیری زلفوں کا زندانی نہیں ہے

کہاں وہ میرے دروازے پہ آئیں میری قسمت میں مہمانی نہیں ہے

بلاتے ہیں وہ اپنی بزم میں پھر
ارادہ پھر تو شیطانی نہیں ہے؟

خفا کرنا انہیں مشکل نہیں، پر منانے میں کچھ آسانی نہیں ہے

تجھے خوش دیکھ کر خوش ہو رہا ہوں مجھے اپنی خوشی یعنی نہیں ہے

تجھے جانے ملے پھر دوست ایسا
مجھے اپنی پریشانی نہیں ہے !

نہ سمجھو ہو گئے ہم غم سے آزاد تو کیا کہ آنکھ میں پانی نہیں ہے

وہ کہتے ہیں، "سخن تو ہے پر عامر جو شاعر ہے وہ رومانی نہیں ہے" ٭٭٭

ناوکان ِ چشم ِ خوباں کیا کریں زخم ہائے دل کہ پنہاں، کیا کریں

دھیان اپنا کام میں لگتا نہیں
اے دل ِ درخور ِ حرماں! کیا کریں

ذہن سے صورت تیری مٹتی نہیں دل کو پھر تجھ سے گریزاں کیا کریں

یاد میں ان کی بھلا بیٹھے ہیں طاق ان کو جزو ِ طاق ِ نسیاں کیا کریں

دل کی دنیا ان کے ہاتھوں سونپ دی جانے اب وہ میرا ایماں کیا کریں

اب کسے ہے اپنے دل پر اختیار بن گیا ہے تیرا ایواں، کیا کریں

محفل ِ غم میں کریں ہیں غم شمار بزم ِ شادی سے ہے آساں ، کیا کریں

کیوں کریں رسوا تجھے، اے دل نشین!
چاک دامان و گریباں کیا کریں

خامہ ِ عامر میں جنبش دل کی ہے دل کی جنبش رقص ِ قرباں، کیا کریں ٭٭٭

محبت ہی نہ کی جائے تو بہتر یا دنیا چھوڑ دی جائے تو بہتر

کہیں خفگی نہ پکڑے طول، یا رب!
وہ غصہ جلد پی جائے تو بہتر

شبا نہ روز بڑھتی جا رہی ہے دلوں سے تیرگی جائے تو بہتر

وفا کا نام لیوا ہی نہیں جب وفا کا نام بھی جائے تو بہتر

بلندی وہ کہ ہو رشک ملائک وہاں تک آدمی جائے تو بہتر

اسے دل کی سطح ہموار مطلوب وہ خود ہی چاک سی جائے تو بہتر

زمیں پر عرش گر جائے نہ عامر فغاں اب سن ہی لی جائے تو بہتر ٭٭٭

غم ِ فراق سے بڑھ کر غم ِ وصال نہ ہو
کہ تجھ سے مل کے جدائی کا پھر سوال نہ ہو

ہزار دن کی طرح ایک دن گزرتا ہے اگر نگاہ میں تیرا رخ ِ جمال نہ ہو

وہ آپ بھیجتے ہیں ہم کو پیام ِ محفل خدا کرے کہ کہیں اور کوئی چال نہ ہو

جو بھی جاتا ہے، پلٹتا ہے سرخرو ہو کر
کہیں وہ نازنیں آمادہ ِ قتال نہ ہو

تیری خوشی سے جڑی ہے میری خوشی، پیارے!
تو غمزدہ ہو تو مجھ پر خوشی حلال نہ ہو

تمام غم میری جھولی میں ڈال دے، اے دوست!
تجھے ملول نہ دیکھوں، مجھے ملال نہ ہو

میں تیرا دوست رہوں گا تمام عمر، چاہے
تجھے وہ وقت ہی آئے، میرا خیال نہ ہو

یہ تیرے غم کی ہو خوبی کہ سخن بن جائے
کہیں یہ عامر ِ دلگیر کا کمال نہ ہو
٭٭٭

عشق ہے کیا اور چاہت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا
دل میں اتنی حرکت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا

تنہا تنہا رات گزاریں ، تنہا تنہا دن
تنہائی کی صحبت کیا ہے ، اب معلوم ہوا

لاکھ بھلائیں کام کی باتیں ، تجھ کو بھول نہ پائیں
بھولنے کی یہ عادت کیا ہے ، اب معلوم ہوا

رات گئے تو خواب میں آ کر میری نیند اڑا دے
دل کو تجھ سے رغبت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا

آنکھ سے ٹپکے خون جگر کا ، لے کر تیرا نام
اک آنسو کی قیمت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا

کروٹ بدلیں ، پھر اٹھ بیٹھیں ، یونہی رات کٹے
نیند کی اصلی راحت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا

رات گئے کیوں تکیہ بھیگے یاد میں اپنوں کی
اپنے گھر سے ہجرت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا

دیواریں کیوں کاٹنے دوڑیں ، گلشن کنج لگے
تنہائی میں وحشت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا

نیند کے مارے سرخ ہیں آنکھیں ، اشک کے مارے نم
آنکھ میں خوں کی سیرت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا

جیون کے اس لمبے سفر میں عامر سمجھے آج
اک ساتھی کی ضرورت کیا ہے ؟ اب معلوم ہوا
٭٭٭

عرض ہے تم سے مری ، smile please بات ہم سے نا سہی ، smile please

تم پہ غصہ suit ہی ہوتا نہیں چھوڑیئے یہ بے رخی ، smile please

روٹھنے کا وقت ہے کس کو یہاں؟
چار دن ہے زندگی ، smile please

رنج سے نمٹیں ، جگہ دل میں نہ دیں مان کر دیکھیں مری ، smile please

غم اگر دیتا نہیں پروردگار بے مزا ہوتی خوشی ، smile please

بات کرنے کو اگر مانے نہ دل اچھی خو ہے خامشی ، smile please

بس دہن کو دیجئے جنبش ذرا اس میں کیا تکلیف جی ، smile please

زندگی ہر پل ہمیں دیتی رہی یہ دوا ہے قدرتی ، smile please

آپ کیا مرجھا گئے جان ِ بہار ہر کلی مرجھا گئی ، smile please

رک گئی چلتی ہوا ، اور تتلیاں ہو گئیں بے رنگ کی ، smile please

’دوسروں کے واسطے ہنستے رہو!‘
کہہ رہی بہتی ندی ، smile please

گرد کو جمنے نہ دیں بر روئے قلب ہے اسی میں بہتری ، smile please

طول خفگی کو نہ دیں ، تا عمر بھر ہو نہ چاہت میں کمی ، smile please

یوں نہ ہو عامر تمہیں کھونی پڑے آپ اپنی دوستی ، smile please ٭٭٭

زندگی کا مزا جو پانا ہو غیر کے غم کو خوشی سے بدلو

کوئی صورت اداس جب دیکھو اشک سب اس کے ہنسی سے بدلو

اپنا غم کس سے غلط ہوتا ہے خوشیاں بانٹو، بس اسی سے بدلو

ہنس کے دشمن کی نگہ میں جھانکو ہدیہ ِ خار کلی سے بدلو

دل میں نفرت کی جگہ مت چھوڑو ہر عمل نیک دلی سے بدلو

یہ سبق غیب سے ملا عامر اپنی عادت کو اسی سے بدلو ٭٭٭

عشق کا مطلب بتا دے ، زندگی اے زندگی
پھر مجھے جینا سکھا دے ، زندگی اے زندگی

پھر کوئی صورت بسے نہ پھر جہاں اجڑے کوئی
دل کی دنیا ہی جلا دے ، زندگی اے زندگی

آج میں رویا نہیں تو لگ رہا ہے کچھ عجب
آج پھر مجھ کو رلا دے ، زندگی اے زندگی

خشک سالی میرے دامن پر کبھی جچتی نہیں
خون ِ دل اس پر بہا دے ، زندگی اے زندگی

میرے پیاروں کو میرے حصے کی خوشیاں بانٹ دے
میری تکلیفیں بڑھا دے ، زندگی اے زندگی

زندگی کا اب کوئی مقصد نظر آتا نہیں
اب تو یہ پردہ گرا دے ، زندگی اے زندگی

وصل کی اک شب میری قسمت میں لکھ دے ، ضد نہ کر
چاہے پھر سانسیں گھٹا دے ، زندگی اے زندگی

میرے ہوتے آنکھ بھیگے گر میرے محبوب کی
میری ہستی ہی مٹا دے ، زندگی اے زندگی

کون جانے عامر ِ دل سوز کھویا ہے کہاں
تو ہی کچھ اس کا پتہ دے ، زندگی اے زندگی
٭٭٭

رنگینی ِ دنیا ہے کہ منوانے کو چاہے یہ کھیل تماشہ مجھے اکسانے کو چاہے

ہر وقت تجھے ڈھونڈیں میری تشنہ نگاہیں
ہر دوسرا منظر مجھے بہلانے کو چاہے

وہ نیلا فلک اوج سے سمجھے مجھے چھوٹا دل میرا حقیقت اسے سمجھانے کو چاہے

مژگاں تیری دہلیز پہ سجدے میں گری جائیں
سر میرا تیری راہ میں کٹ جانے کو چاہے

اکثر تیری دوری کا سبب بنتا ہے یہ دل
دل گو میرا اکثر تیرے پاس آنے کو چاہے

عامر ذرا سوچا بھی کرو لکھنے سے پہلے
لکھ دیتے ہو، جو دل تمہیں لکھوانے کو چاہے
٭٭٭

دل ِ بیمار، میری جان! کہاں لے جاؤں
عشق سے پر ہے یہ سامان، کہاں لے جاؤں

زندگی تجھ کو لیے پھرتی ہے مجھ سے اوجھل
دوستی کے تیرے پیمان کہاں لے جاؤں

رات دن، شام و سحر، اور شب و روز آئیں
تیری یادوں کے یہ طوفان کہاں لے جاؤں

میں گلستاں میں اگر ہوں بھی تو کیا ہے عامر
اپنے اندر کے بیابان کہاں لے جاؤں
٭٭٭

خود جانیے کیا جی میں مرے یار سے آوے جب باد ِ صبا کوچہ ِ دلدار سے آوے

کیا آتے ہو اس ناز کی محفل سے، بتاؤ؟
ہم کو یہ خبر آپ کی مہکار سے آوے

آسان بہت ہم کو تیری بزم میں آنا اٹھ چلنا مگر ہمت ِ دشوار سے آوے

اس بار تیرے کوچے سے اس شکل میں نکلے جیسے کہ سفینہ کوئی منجدھار سے آوے

جس پاس تیری یاد میں اک وقت گزارا اک شور ِ فغاں اب اسی دیوار سے آوے

خم سر کو کیے جاتے ہیں، بس بات ہے اتنی
یک غمزہ ِ پنہاں تیری تلوار سے آوے

ہم زیست کو پہلو سے الگ کر کے دکھا دیں
پہلو میں اگر یار بھی بیزار سے آوے

ہم معتقد ِ ہادی ِ برحق ہیں، رہیں گے پھر چاہے جہاں تنگ نہ آزار سے آوے

تم شعر میں اظہار وہ کر دیتے ہو عامر
جو بات کہ دیکھے میں نہ گفتار سے آوے
٭٭٭

تیرا نام لے کے سونا، تیرا نام لے کے اٹھنا
تجھے خواب میں جو دیکھوں تو سلام لے کے اٹھنا

کوئی کام ہو نہ پائے، تیری یاد یوں ستائے
جو بھی کام لے کے بیٹھوں وہی کام لے کے اٹھنا

اگر کام کی ہو چھٹی، میرا دن تیرے حوالے
تجھے یاد کرنا صبح، گر شام لے کے اٹھنا

تیری یاد کے سفر سے میری دو ہی منزلیں ہیں
بہت اشک کا بہانا یا کلام لے کے اٹھنا

تجھے غم میں دیکھوں جس دم، بہت رنج لے کے بیٹھوں
تجھے دیکھ لوں اگر خوش، ابتسام لے کے اٹھنا

کروں بات کوئی ایسی، تیرے لب کھلیں ہنسی کو
تیری بزم سے یہ نایاب انعام لے کے اٹھنا

اگر آئے موت عامر تیری گود میں ہی آئے
ہو جہاں سے میرا احساس ِ دوام لے کے اٹھنا
٭٭٭

تیرے کوچے کی بو پھر کھینچ لائی ملن کی آرزو پھر کھینچ لائی

محبت کے دریچوں کے سفر سے تمہاری جستجو پھر کھینچ لائی

تمہاری خاموشی ٹھہرا گئی تھی تمہاری گفتگو پھر کھینچ لائی

محبت میں کشاکش کا یہ عالم کہ تیرے روبرو پھر کھینچ لائی

تیری نظر ِ کرم مجھ پر پڑی تو دھنک اک چار سو پھر کھینچ لائی

گمان ِ چاک دامانی کی آمد تقاضائے رفو پھر کھینچ لائی

تمنائے شہادت جا رہی تھی مگر بوئے لہو پھر کھینچ لائی

قلم میں جان لے آئی محبت سخن سازی کی خو پھر کھینچ لائی

صبا بھٹکا گئی تھی مجھ کو عامر تیرے کوچے کی بو پھر کھینچ لائی ٭٭٭

تمہاری یاد کو دل میں بسانا کام ہے اپنا
تمہارا نام آنکھوں سے لگانا کام ہے اپنا

محبت میرا مذہب ہے، محبت میرا ایماں ہے
محبت کے ترانے گنگنانا کام ہے اپنا

میری راہوں میں کانٹوں کو بچھانا ان کا شیوا ہے
اور ان کی راہ پھولوں سے سجانا کام ہے اپنا

تیری الفت سے بڑھ کر اور جیون میں نہیں کچھ بھی
سر مقتل تیرے نعرے لگانا کام ہے اپنا

ہم ایسے ہجر میں کھوئے کہ یاد وصل کھو بیٹھے
شبان ہجر میں آنسو بہانا کام ہے اپنا

کسی محفل میں ذکر غیر سننا ہم سے کیونکر ہو
کہ تیرے ذکر کی رونق بڑھانا کام ہے اپنا

تم اپنی بزم کا اعلان کر کے آزماتے ہو
بلایا ہو اگر تم نے تو آنا کام ہے اپنا

تمہاری بزم میں مژگان و دل سجدے میں گرتے ہیں
تمہارے سامنے سر کو جھکانا کام ہے اپنا

شکایت کرنے والے اور ہوتے ہیں، میرے دلبر!
رضا گر ہو تیری، سر کو کٹانا کام ہے اپنا

لٹانے سے جو ڈرتے ہیں، وہ جھوٹے اپنے دعوے میں
دل و جاں عشق میں عامر لٹانا کام ہے اپنا
٭٭٭

بدلتا پا رہا ہوں میں مزاج دوستاں اب کے
بدل جائیں نہ اس صورت سے میرے دوجہاں اب کے

رقیبوں کی تمناؤں نے کاشانے کو بدلا ہے
یہ جی کرتا ہے اب میرا کہ بدلوں آشیاں اب کے

ہدف جب تک رہا، آنکھیں بچھاتا تھا میں ناوک کو
میرے شانوں پہ رکھ تقدیر نے باندھا نشاں اب کے

مجھے اب ، انس کا جو رنگ تھا ، بے رنگ لگتا ہے
دکھائی پڑتا ہے مہماں صفت اک میزباں اب کے

زمیں کے تنگ ہونے کو نہیں ہے ربط کچھ دل سے
دل آشفتہ کو دیکھو ، لگے ہے آسماں اب کے

بدلنا عین فطرت ہے ، ادب میں ہو اگر ، عامر
قیامت ورنہ آ جائے کہیں نہ ہم پہ یاں اب کے
٭٭٭

اے ہلال ِ نو عمر، دھار آزما میرا سینہ چیر کر پیار آزما

اے شب ِ فرقت، مجھے غمگیں نہ کر پھر نہ میری چشم ِ خوں بار آزما

کب تلک مقصود گل کا امتحاں ظرف ہے اتنا اگر، خار آزما

کس لیے مجھ سے کھنچے ہے آج کل مجھ کو بس اک آخری بار آزما

زخم کا بھرنا بہت تکلیف دہ اپنی نظروں کا کوئی وار آزما

تجھ پہ لازم ہے تیرا حفظ ِ حیا اپنے آنچل کو میرے یار آزما

تیرا چہرا ہی ہے عامر راز گو کوئی بہتر راز بردار آزما ٭٭٭

اے چاند، میری چاہت پھر امتحان مانگے
پھر دل کا چین مانگے ، پھر اطمینان مانگے

کیا ہو گیا ہے میرے بے اختیار دل کو تیرا خیال ، ہر دم تیرا گمان مانگے

اندر کی چوٹ ہے یہ ، تجھ کو نظر نہ آئے
تو اور زخم دے گر تجھ کو نشان مانگے

کس نے کہا کہ مجھ کو رہنا ہے آسماں پر
مجھ کو تو تیرے دل کا شاہی مکان مانگے

پھر وقت نہیں گذرے ، اور نیند نہیں آئے
میری بیاض مجھ سے دل کا بیان مانگے

پھر خون ِ جگر میرا آنکھوں میں امڈ آیا
اور گرتا ہوا قطرہ وصف ِ زبان مانگے

تنہائی سے نکلے تھے ، ہم پھر سے ہوئے تنہا
کیوں ہم کو کوئی محفل نہ شادمان مانگے

پل پل کا میرا مرنا کیا کام تیرے آوے
مرتا ہوں کبھی مجھ سے تو میری جان مانگے

جو مجھ پہ گذرتی ہے ، تجھ پر نہ کبھی گذرے
وہ تجھ کو ملے جو بھی تیری زبان مانگے

اچھا ہی ہوا پیارے! تو جلد ہوا رخصت
ڈر تھا کہ آنسوؤں کا دل ارمغان مانگے

دل اب بھی یہی چاہے کہ ہجر نہ ہو واقع اک رابطہ تیرے میرے درمیان مانگے

تو دل کا بہت پیارا، کم گو ہے مگر، عامر
کہتا نہیں جو تیرا دل ِ بے زبان مانگے
٭٭٭

اے نصیب ِ بے رحم! کچھ رہ گیا
میرے حصے میں الم کچھ رہ گیا

خون ِ دل سب اشک بن کر بہہ گیا دل میں میرے جز صنم کچھ رہ گیا

شوق تھا کہ در پہ تیرے موت آئے وقت ِ آخر دو قدم کچھ رہ گیا

لاش پر آنا زہے قسمت، مگر ان کے جی میں بیش و کم کچھ رہ گیا

کھینچتے ہیں پھر وہ شمشیر ِ ستم وہ یہ سمجھے ہیں کہ دم کچھ رہ گیا

میں نے سوچا تھا کہ سمجھا ہوں تجھے پر نہیں، تجھ میں مبہم کچھ رہ گیا

میرا مرنا ان کو گزرا ناگوار ان کا ارمان ِ ستم کچھ رہ گیا

گو کہ مرتے دم تبسم تھا عیاں پر نہاں در چشم ِ نم کچھ رہ گیا

اے خدا، تیرا کروں سو بار شکر میرا لوگوں میں بھرم کچھ رہ گیا

خون ِ دل کم پڑ گیا عامر میرا ورنہ غم زیر ِ قلم کچھ رہ گیا ٭٭٭

اے خدا، سینے میں یہ دل نہ بنایا ہوتا
اور بنایا بھی تو بسمل نہ بنایا ہوتا

دل کو الفت کا سمندر ہی بنانا تھا اگر عشق کو حسن کا مائل نہ بنایا ہوتا

دیکھ کر اس کو میری روح کو تسکین ملے آنکھ کے نور کو زائل نہ بنایا ہوتا

آشنا شوق شہادت سے کیا گر مجھ کو اس بت ناز کو قاتل نہ بنایا ہوتا

اس کو بتلاتا میرے عشق کی حد کتنی ہے جسم کو روح کا حائل نہ بنایا ہوتا

ہر ستم سہہ کے بھی خاموش ہی رہنا تھا اگر
سنگ رکھ دیتے، میرا دل نہ بنایا ہوتا

دوست کے غم میں گیا جان سے عامر، ہے ہے
اس کو اپنے سے یوں غافل نہ بنایا ہوتا
٭٭٭

اک ہم ہیں کہ ہیں بے نیاز ِ زخم ہائے شوق
اور وہ ہیں کہ سنتے ہیں نہیں ہیں صدائے شوق

اک بات کہ جو باعث ِ تسکین ِ جاں ہوئی
محفل سجائیں گے کوئی وہ بھی برائے شوق

پاتا ہوں اپنی عمر کو پہلے سے کچھ طویل
شاید کہ لگ گئی ہے مجھے بد دعائے شوق

ساقی، تیرے کرم سے ہے دھڑکن رواں مری
مر ہی گیا تھا میں، جو نہ ملتی دوائے شوق

رکھتا ہوں خوئے ذکر و تفکر، خوشا نصیب!
یا ابتدائے عشق ہے یا انتہائے شوق

دے کر دل و دماغ، دیا مرتبہ مجھے اک عشق کا دیار ہے اور ایک جائے شوق

احسان ِ بے شمار میں تیرے جو اہم ہے وہ یہ کہ میرے دل کو کیا آشنائے شوق

زاہد سے، رند سے، یہ گزارش دعا کی ہے
عامر نبھائے حق ِ محبت، حیائے شوق
٭٭٭

اور ہم زندگی کو کیا سمجھے بے خبر آگہی کو کیا سمجھے

رات دن لب کو سیر کرتے رہے روح کی تشنگی کو کیا سمجھے

چارہ سازوں سے پوچھنا ہے مجھے وہ میرے دل لگی کو کیا سمجھے

دشمنوں سے بھی ہنس کے ملتے ہیں دوست یاں دوستی کو کیا سمجھے

فکر تم کو رفوئے زخم کی ہے ہوش میں بیخودی کو کیا سمجھے

آرزوئے وصال کرتے ہو
حیف! تم عاشقی کو کیا سمجھے

دل میں عامر جو آئے کہتے ہو یہ کہو شاعری کو کیا سمجھے ٭٭٭

اس قدر مجھ سے بڑھی ہے آبروئے انتظار
رفتہ رفتہ لگ گئی ہے مجھ کو خوئے انتظار

ہر قدم پر زندگی ِ صبر مجھ کو دے دعا
مجھ سے بر آئی ہے کتنی آرزوئے انتظار

حق شناسی کی سند منزل نہیں آساں کوئی
پار کرنا شرط بحر ِ مشق و جوئے انتظار

میری آنکھیں ، میرا دل پیاسے ہیں تیری دید کے
کب تلک کرنی پڑے گی جستجوئے انتظار

میری آہیں ، میرے نالے ہوں قبول ِ بارگاہ
حوصلہ دے ، تھک چکا پھر پھر کے کوئے انتظار

کاشکے آوے پسند عامر مخاطب کو کلام
یہ سخن بن جائے تعویذ ِ گلوئے انتظار
٭٭٭

ابھی میں محبت کو بھولا نہیں ہوں میں اپنی عبادت کو بھولا نہیں ہوں

میرا دل ہے تخت ِ ریاضت، ستمگر میں تیری ریاضت کو بھولا نہیں ہوں

میری آنکھ ساحل کا کردار ٹھہری میں آنسو کی قیمت کو بھولا نہیں ہوں

ہزاروں قیامت گذاری ہیں ہم نے مگر اس قیامت کو بھولا نہیں ہوں

بیاباں میں آہو کی سنگت نہ بھائے کہ میں تیری سنگت کو بھولا نہیں ہوں

میں الفت کا ہتھیار چھوڑوں تو کیونکر کہ تیری عداوت کو بھولا نہیں ہوں

کہا میں نے، " واعظ، خدا سے ڈرا کر"
وہ بولا کہ " جنت کو بھولا نہیں ہوں"

وہ ہر حال میں مجھ سے ناخوش رہے گا زمانے کی عادت کو بھولا نہیں ہوں

میں بدلا نہیں سب سے مل کر بھی عامر
میں محفل میں خلوت کو بھولا نہیں ہوں
٭٭٭

آپ کے، اے مہرباں! آنے تلک
اپنی گزری خوب مر جانے تلک

ہم پہ کیا بیتے گی، اے شمع ِ مزار التفات ِ یار کے پانے تلک

روکیے گا کب تلک دہلیز پر ایک دن پہنچیں گے سرہانے تلک

آپ کا چہرا نگاہوں میں رہے تیغ کے گردن پہ پھر جانے تلک

مرحبا، اے انتظام ِ کارگاہ !
بوند پہنچائی ہے کیا دانے تلک

ایک ہم ہی بے خبر ٹھہرا کیے باخبر ہیں ورنہ بیگانے تلک

بھول بیٹھیں گے وہ خود سمجھا ہوا دیکھنا عامر کو سمجھانے تلک ٭٭٭

آئینے اک شیشہ گر نے جب بنائے خوبروئی کے انہوں نے ڈھب بنائے

ظلم اپنے ہی پہ ہے ان نے کیا اپنی نا سمجھی میں جن نے رب بنائے

بے قراری کو خدا نے دل دیا تشنگی کے واسطے یہ لب بنائے

کوہکن نے عشق میں جو سو کیا ہم نے اس مقصد کو تیشے کب بنائے

بھول جاتے تیرے گھر کا راستہ تو نے لیکن پچھم و پورب بنائے

میں نے مانا غیب سب جانے ہے تو کاہے کو اس دہر کے کرتب بنائے

غم خوشی، ظلمت اجالا، علم و جہل کتنی ترکیبوں سے روز و شب بنائے

عشق کا بس ایک مطلب حق سے ہے ہر کسو نے اپنے سو مطلب بنائے

یاد ہم کو میر کی آنے لگی شعر کس صورت سے عامر اب بنائے ٭٭٭

ماخذ:
http://www.sirfurdu.com/index.php?md=poetry&pg=list&cat=poet&id=28
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

شاعری