رہنمائے نظامت
(نظامت کا فن سکھانے والی بہترین کتاب)
ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم پہلی بات
مختلف اجلاس، کانفرنس اور مشاعروں کو ان کے اختتام تک کام یابی اور خوش اسلوبی سے چلانے میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیت ناظم کی ہوتی ہے۔ جو پروگرام کی مختلف کڑیوں کے درمیان ایک دھاگے کا کام کرتا ہے، یہ مختلف کڑیاں موتی کی مانند ہوتی ہیں اور ناظم ان موتیوں کو بڑی خوب صورتی سے پِرو کر پورے پروگرام کو ایک دل کش ہار کی طرح سامعین کے رو بہ رو کرتا ہے۔
ایک اچھے ناظم کے لیے نظامت کے فن سے متعلق ضروری باتوں کا جاننا بے حد اہم ہے۔ ویسے کوئی بھی فن محض کتب بینی سے حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ کیوں کہ آدمی جب تک کسی فن کو سیکھنے کے لیے اپنے اندر اَن تھک محنت، لگن اور ذوق و شوق پیدا نہیں کرے گا وہ کام یابی کی پائیدانوں کو قطعی عبور نہیں کرسکتا۔
پیشِ نظر کتاب ’’رہنمائے نظامت‘‘ میں اناؤنسری کے فن پر قدرے روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کتاب میں نظامت کے لیے ضروری باتوں کے علاوہ پروگرام کے مختلف مراحل میں ناظم کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ان مراحل پر مختصر تقریریں درج کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں تلاوت، حمد و نعت اور نظامت کے دوران کام میں لائے جانے والے متفرق اشعار، چند لطائف اور ذخیرۂ الفاظ بھی آخر میں دے دئیے گئے ہیں۔ جاننا چاہیے کہ یہ کتاب نظامت کا فن سیکھنے کے شائقین کے لیے ایک گائیڈ کی حیثیت سے تیار کی گئی ہے۔ اس میں پیش کیے گئے مندرجات کے علاوہ بھی طلبہ و قارئین مطالعہ میں اضافہ کرتے ہوئے اپنے اندر نکھار پیدا کرنے کی کوشش کریں۔
اس کتاب کی ترتیب و تدوین میں محبِ مکرم ظفر عابد محمد مصطفی (مالیگاؤں گرلس ہائی اسکول، مالیگاؤں ) نے جزوی تعاون دیا راقم ان کا شکر گزار ہے۔رحمانی سلیم احمد صاحب کابھی ناچیز خصوصاً ممنون ہے کہ انھیں کی حوصلہ افزائی کے سبب یہ کتاب زیورِ اشاعت سے آراستہ ہوئی ہے۔
اہل نقد و نظر سے التماس ہے کہ خامیوں کی نشان دہی فرما کر اصلاح سے نوازیں تاکہ آیندہ ایڈیشن میں ترمیم کی جاسکے۔
(ڈاکٹر)محمد حسین مُشاہدؔ رضوی، مالیگاؤں،29/09/2011
Cell # 9420230235
نظامت سے متعلق ضروری ہدایات
٭ جاننا چاہیے کہ کسی بھی فن کو سیکھنے کے لیے دل چسپی، لگن،یک سوئی اور آمادگی بے حد ضروری ہوتی ہے۔ اگر یہ باتیں طالبِ علم میں نہ پائی جائیں تو وہ کوئی بھی علم و فن حاصل نہیں کرسکتا۔ ہاں ! جب مکمل ذوق و شوق سے کوئی علم سیکھاجاتا ہے تو اُس میں مسلسل محنت و مشقت اور ریاضتِ شاقّہ سے مہارت حاصل ہونے لگتی ہے۔ بہ قولِ شاعر ؎
نامی کوئی بغیر مشقت نہیں ہوا
سو بار جب عقیق کٹا تب نگیں ہوا
یہ بھی سچ ہے کہ ہر علوم و فنون شروع میں بے حد مشکل ثابت ہوتے ہیں۔ لیکن اگر ہم سچے جوش و ولولے اور خلوصِ نیت سے محنت کریں تو اللہ رب العزت جل شانہٗ بھی ہماری مدد فرماتا ہے۔ نظامت بھی ایک ایسا ہی فن ہے۔ جس کے حصول میں طرح طرح کی مشکلات پیش آتی ہیں۔
جب ہم اسٹیج پر جاتے ہیں تو ہمیں گھبراہٹ طاری ہو جاتی ہے۔ زبان اور دل میں جو ہم آہنگی رہنی چاہیے وہ متاثر ہونے لگتی ہے اور سامعین کے رعب و دبدبہ سے ہمارے حواس باختہ ہو جاتے ہیں۔ ایسے مواقع پر ہمیں ہمت و جرأت سے کام لینا ضروری ہو جاتا ہے۔جب ہم پورے جوش و امنگ اور حوصلے کے ساتھ کوئی کام انجام دیں گے تو ہمیں کام یابی و کام رانی ضرور میسر آئے گی۔ لہٰذا نظامت ہو یا دوسرے علوم و فنون، ہر ایک کی تحصیل کے لیے اپنے اندر مکمل دل چسپی اور آمادگی ضرور پیدا کریں۔
اگر ہم مسلسل محنت و مشقت اور پیہم مشق کرتے رہیں گے تو ہمارے اندر پختگی اور ہمت پیدا ہو گی۔ اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے دل سے ہر قسم کی گھبراہٹ اور مایوسی کو نکال پھینکیں اور بلند حوصلگی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھیں۔
٭ نظامت کے فن کی تحصیل میں سبب سے اہم ترین بات خود اعتمادی کا وصف ہے جن کے اندر اس وصف کی کمی ہوتی ہے وہ زندگی کے ہر موڑ پر مایوس ہو جاتے ہیں۔
جن کے اندر خود اعتمادی متزلزل ہونے لگتی ہے۔ وہ نظامت کے دوران یااسٹیج پر جانے کے بعد گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اسٹیج پر ان کی حالت دیکھنے کے قابل ہوتی ہے۔ ان کے منہ سے ٹھیک طرح سے الفاظ نہیں نکل پاتے، آواز میں کھڑکھڑاہٹ پیدا ہونے لگتی ہے اور تلفظ کی ادائیگی بُری طرح متاثر ہو جاتی ہے بجائے ’’سین‘‘ کے ’’شین‘‘ نکلنے لگتا ہے اور سانسیں اکھڑنے لگتی ہیں۔ ’’واحد‘‘ کی جگہ ’’جمع‘‘ اور ’’مذکر‘‘ کی جگہ ’’مؤنث‘‘ الفاظ زبان سے ادا ہونے لگتے ہیں اور پاؤں کپکپانے لگتے ہیں۔ اگر اپنے اندر ہمت و جرأت اور خود اعتمادی پیدا کی جائے تو ایسا معاملہ صرف ایک دو بار ہی درپیش آتا ہے پھر خو دبہ خود اسٹیج کا ڈر دل سے دور ہو جاتا ہے۔ اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ اپنے اندر خود اعتمادی کا وصف پیدا کرنے کی پوری پوری کوشش کریں۔
٭ کسی پروگرام، کانفرنس، اجلاس یا مشاعرے کو مکمل نظم و ضبط کے ساتھ کام یابی سے اختتام کی منزل تک پہنچانے کے لیے ایک اناؤنسر اور ناظم کی ضرورت پڑتی ہے۔ جو پروگرام کی مختلف کڑیوں کے درمیان ایک دھاگے کا کام کرتا ہے، یہ مختلف کڑیاں موتی کی مانند ہوتی ہیں اور ناظم ان موتیوں کو بڑی خوب صورتی سے پِرو کر پورے پروگرام کو ایک دل کش ہار کی طرح سامعین کے رو بہ رو کرتا ہے۔
ایک اچھے ناظم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے حُسنِ تکلم، شیریں گفتاری اور حاضر جوابی کے کمالات کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے پروگرام کو اخیر تک لے کر جائے۔ اور سامعین کے دلوں میں ایسا نقش مرتب کرے کہ وہ پروگرام ختم ہونے تک جلسہ گاہ میں ہی موجود رہیں۔ ایک اچھا ناظم اپنے اندر نظامت سے متعلق ضروری امور کو پیدا کرنے کی مسلسل مشق کرتا رہتا ہے، کیوں کہ بغیر مشق و مطالعہ کے ناظم کی خوبیوں میں ہر گز نکھار نہیں آسکتا۔لہٰذا نظامت کے شوقین طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے اندر نظامت کی خوبیوں کو پروان چڑھانے کی کوشش کریں۔
٭ ناظم کے لیے ضروری ہے کہ وہ شیریں کلام اور حاضر جواب ہو۔ نظامت کے فن کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اناؤنسر یا ناظم زبان و ادب کا گہرا مطالعہ کرے تاکہ وہ الفاظ کے مترادفات اور معانی و مفہوم اور ان کے صحیح اور برجستہ استعمال کے موقع و محل سے واقف ہوسکے، اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ طرزِ اظہار کی نزاکتوں اور تلفظ کی باریکیوں سے آگاہ رہے تاکہ سامعین میں سے جو اہلِ علم ہوتے ہیں اُن پر اس کی گفتگو بار نہ محسوس ہو۔ زبان و ادب کے گہرے مطالعہ کے ساتھ اس کے حافظے میں سیکڑوں اشعار کا ذخیرہ بھی ہونا چاہیے تاکہ وہ برجستگی کے ساتھ اور موقع و محل کی مناسبت سے اشعار کو استعمال کرسکے کیوں کہ بعض مقامات پر نثر کی بجائے اشعار بہت زیادہ متاثر کن ہوتے ہیں۔
٭ ناظم اپنے اندر تبصرہ و تجزیہ کی خوبی بھی پیدا کرے اور اپنی آواز پاٹ دار رکھے۔ گفتگو کا انداز پُر وقار ہو تاکہ مجمع مکمل طور پر اس کے کنٹرول میں رہے۔ جب کوئی شاعر اپنی غزل یا نظم وغیرہ سنا کر جائے یا خطیب اپنی خطابت کے جوہر بکھیرے تو اس پر جامع انداز میں مختصر اور جامع تبصرے کی طاقت بھی رکھے، نیز اگلے شاعر یا خطیب کو مدعو کرنے سے پہلے ایک جامع تمہیدی تقریر بھی کرے اور مناسب اشعار کے ذریعہ ان کو دعوتِ سخن سے تاکہ سامعین کے اندر انھیں سننے کے لیے دل چسپی اور آمادگی پیدا ہو جائے۔
٭ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ کرنے کی روزانہ مسلسل کوشش کرتے رہیں۔ ناظم کو چاہیے کہ نظامت کے فن پر لکھی گئی کتابوں میں دیے گئے الفاظ اور جملوں پر ہی اکتفا نہ کرے۔ کسی بھی جلسے کی نظامت کے لیے پہلے ہی تیاری کر لینا بہتر ہے۔ ناظمِ اجلاس، پروگرام کی تفصیل مثلاً: (۱) تلاوتِ قرآن، (۲) حمد باریِ تعالیٰ،(۳) نعتِ پاک، (۴) تحریک و تائیدِ صدارت، (۵) اغراض و مقاصد، (۶) مہمانوں کا تعارف گل پیشی، (۷) تاثرات، (۸) اعزازات، (۹) خطبۂ صدارت، (۱۰) رسمِ شکریہ وغیرہ امور کون کون سے افراد انجام دینے والے ہیں وہ پہلے ہی سے ایک کاغذ پر لکھ لے تاکہ اسٹیج پر جانے کے بعد اسے کوئی دشواری اٹھانا نہ پڑے۔
٭ مختلف شخصیات کے لیے موقع و محل کی مناسبت سے اچھے القاب و آداب کا استعمال کریں اور اُن کے لیے موزوں اشعار بھی سنائیں۔ وقت کم ہو اور افراد زیادہ ہوں تو جامع اور مختصر انداز اختیار کریں۔ نظامت کو نظامت ہی رہنے دیں اسے خطابت نہ بننے دیں کہ اس سے سامعین میں اکتاہٹ پیدا ہو جاتی ہے۔ تعریفات اور القاب و آداب میں اس بات کا بھرپور خیال رکھیں کہ جیسی شخصیت ہو ویسی ہی تعریف و توصیف ہو، بے جا مبالغہ آرائی سے بچیں کہ یہ بھی جھوٹ میں شامل ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ناظم لوگوں کے لیے نشانۂ مذاق بن سکتا ہے۔
٭ ناظم کو چاہیے کہ وہ ہر ایسی بات سے حتیٰ الامکان پرہیز کرے جو شخصیت یا تقریر سے میل نہیں کھاتی اور مدح کی بجائے تنقیص کے زمرے میں شامل ہو جاتی ہے۔ اس بات کا مکمل خیال رکھا جائے کہ پروگرام کا آغاز اور اختتام مناسب وقت پر ہو۔
٭ ناظم کے لیے ضروری ہے کہ وہ سامعین کے مزاج اور موڈ کے مطابق گفتگو کرے۔ وقت اور حالات کے پیشِ نظر اپنی باتیں پیش کرے، مشکل اور ادق الفاظ سے پرہیز کرنے کی حتیٰ الامکان کوشش کرے تاکہ لوگوں کو اکتاہٹ محسوس نہ ہو۔
٭ جب نظامت کا آغاز کریں تو پروگرام کی نوعیت اور اس کے مقاصد کا اجمالی خاکہ شروع میں ہی سامعین کے گوش گزار کر دیں۔ اور اسے ایسے مختصر مگر جامع ترین اور مؤثر انداز میں پیش کریں کہ لوگ تقریب کے آغاز ہی سے پورے پروگرام میں بیٹھنے کے لیے آمادہ ہو جائیں۔
نظامت کا آغاز جیسا برجستہ اور خوش اسلوبی سے ہو اس کو آخر دم تک قائم رکھیں، درمیان میں مناسب اشعار کا استعمال کریں اور ضرورت ہو تو تفننِ طبع کے لیے با مقصد اور اچھے لطائف بھی سنائیں تاکہ سامعین کا موڈ برقرار رہے۔
اہم نوٹ: اس کتاب میں پروگرام کے مختلف مراحل سے متعلق جو مثالیں پیش کی جا رہی ہیں
قارئین اور طلبہ صرف ان ہی پر اکتفا نہ کریں بل کہ اِن مراحل میں ربط پیدا کرنے کے لیے بروقت فیصلہ کریں۔ اس کتاب میں شامل جملہ مثالیں محض رہِ نُمائی کی غرض سے پیش کی گئی ہیں۔ مُشاہدؔ
ناظم کے لیے یاد رکھنے والی چند دیگر باتیں
٭ جہاں تک ہوسکے مطالعہ کی عادت پیدا کریں اور ایسی نثری کتب ضرور پڑھتے رہیں جن کے مطالعہ سے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ ہو۔
٭ مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی مناسبت سے ایسے القاب و آداب کا ایک عمدہ انتخاب تیار کر لیں جو مبالغہ آرائی اور جھوٹ کی آمیزش سے پاک ہوں۔
٭ ناظم کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اچھے اور نام ور شعرا کے مجموعۂ کلام کو بار بار پڑھے اور موقع و محل کی مناسبت سے فٹ بیٹھنے والے خوب صورت اور معیاری اشعار کو از بر کر لے۔
٭ ہر مرحلے کے بعد ناظم گذشتہ اور اگلے مرحلے میں آنے والے افراد کی بھر پور پذیرائی اور حوصلہ افزائی کرے۔ اور ہر مرحلہ باہم مربوط انداز میں ادا کر کے۔
٭ اہم ترین بات یہ ہے کہ ناظم اپنی ہر بات کو مختصر اور جامع انداز میں پیش کرے نظامت کو خطابت نہ بننے دے کہ اس سے سامعین کا موڈ آف ہو جا تا ہے۔
٭٭٭
(۱) پروگرام کی ترتیب اور اُس کے مختلف مراحل کی مثالیں
نمونے کے طور پر پروگرام کی عمومی ترتیب کی تفصیلات پیش کی جا رہی ہیں۔طلبہ اور ناظم مختلف تقریبات کی بدلتی نوعیت کے لحاظ سے کمی بیشی کرتے ہوئے ان کا استعمال کریں۔
پروگرام کی ترتیب
کوئی بھی تقریب یا اجلاس مختلف مراحل سے گذرتا ہے، جو درج ذیل ہیں۔
(۱) تلاوتِ قرآن
(۲) حمد باریِ تعالیٰ
(۳) نعتِ پاک
(۴) تحریک و تائیدِ صدارت
(۵) اغراض و مقاصد
(۶) مہمانوں کا تعارف و گل پیشی
(۷) تاثرات
(۸) اعزازات
(۹) خطبۂ صدارت
(۱۰) رسمِ شکریہ
عمومی طور پر ہر تقریب میں درج بالا مراحل ہوتے ہی ہیں لیکن کبھی کبھی یہ ترتیب پروگرام کی نوعیت کے لحاظ سے تبدیل ہوتے رہتی ہے۔ ایک اچھا ناظم کاغذ پر ان تفصیلات کو پہلے ہی سے درج کر لیتا ہے جس سے دورانِ نظامت اسے آسانی ہو جاتی ہے۔
(۱) تلاوتِ کلامِ پاک
اس مرحلے میں ناظم کو چاہیے کہ بندگی میں ڈوب کر خداوندِ قدوس کی کبریائی اور حمد و ثنا بیان کرتے ہوئے قاری کو تلاوتِ قرآن کے لیے آواز دے۔تلاوتِ کلامِ پاک مع ترجمہ ہو تو بہتر ہے۔ (اگر یہ مرحلہ ماحول اور وقت سے تعلق پیدا کر کے ہو تو نظامت کا لطف دوبالا ہو جائے گا)۔
مثال: ’’ اللہ کے نام سے شروع جو بہت مہربان رحمت والا ۔۔جس کے قبضۂ قدرت میں ہر مجسمۂ گِل و تمام نفس کی جان ہے۔ جس کے جلوے بکھرے ہوئے ہیں سپیدۂ سَحَر کی خوابیدہ آنکھوں سے لے کر سُرخیِ شام کی بوجھل پلکوں تک۔۔
جس کے بابرکت ناموں کی تسبیحیں اور تلاوتیں ہوتی ہیں چڑیوں کی چہچہاہٹ سے لے کر آب شاروں کی گنگناہٹ تک ۔۔تو آئیے ! ہم اور آپ بھی حریمِ دل کے خالی خانوں کو اس کارفرمائے حقیقی کے آگے جھکا دیں کہ جس کی کرم فرمائیوں کے بغیر ہماری کوئی سعی و جستجو کام یابی و کام رانی کی حدوں کو نہیں چھوسکتی۔
تلاوتِ کلام پاک کے لیے تشریف لا رہے ہیں محترم/ محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ صاحب/ صاحبہ ؎
سناؤ نغمۂ قرآں کہ ہم بیدار ہو جائیں
اندھیروں سے نکل کر صاحبِ انوار ہو جائیں ‘‘
(نامعلوم)
(۲) حمدِ باریِ تعالیٰ
اس مرحلے میں ناظم کو چاہیے کہ تلاوتِ کلامِ پاک سے ربط پیدا کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں قدم رکھے اور حمدِ باریِ تعالیٰ کے لیے دعوت دے۔
مثال: ’’ ماشاء اللہ ! سبحان اللہ ! یوں تو خدا کی حمد و ثنا بیا ن کرنا کسی مخلوق کے بس کی بات نہیں۔ پھر بھی دلِ بے نطق و بیاں جذبۂ بندگی میں ڈوب کر یوں مصرعے نکالتا ہے کہ ؎
وہی رب ہے جس نے تجھ کو ہمہ تن کرم بنایا
ہمیں بھیک مانگنے کو ترا آستاں بتایا
تجھے حمد ہے خدایا!
یہی بولے سدرہ والے چمنِ جہاں کے تھالے
سبھی مَیں نے چھان ڈالے ترے پایے کا نہ پایا
تجھے یک نے یک بنایا
تجھے حمد ہے خدایا !
تجھے حمد ہے خدایا!
( حضرت رضاؔ بریلوی)
ان ہی مصرعوں کے تناظر میں حمدسرائی کے لیے آرہے ہیں / آ رہی ہیں۔
محترم / محترمہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ۔ ‘‘
(ناظم اگر حمد سے ربط قائم رکھتے ہوئے نعت کے لیے دعوت دیتا ہے تو یہ پُر لطف محسوس ہوتا ہے۔ لہٰذا اس کی مثال پیش کرنے کی غرض سے ذیل میں ایک حمد درج کی جا رہی ہے، اور ناظم یہ بھی یاد رکھے کہ وہ ہر مرحلے کے بعد حوصلہ افزائی کے کلمات ضرور کہے۔)
حمدِ باریِ تعالیٰ
بُطونِ سنگ میں کیڑوں کو پالتا ہے تو ہی
صدف میں گوہرِ نایاب ڈھالتا ہے تو ہی
دلوں سے رنج و الم کو نکالتا ہے تو ہی
نفَس نفَس میں مسرت بھی ڈالتا ہے تو ہی
وہ جن و انس و ملک ہوں کہ ہوں چرند و پرند
تمام نوعِ خلائق کو پالتا ہے تو ہی
بغیر لغزشِ پا تو گرا بھی سکتا ہے
پھسلنے والوں کو بے شک سبھالتا ہے تو ہی
تُو ہی تو مردہ زمینوں کو زندہ کرتا ہے
گلوں کے جسم میں خوشبوئیں ڈالتا ہے تو ہی
ذبیحِ پاک کی نازک سی ایڑیوں کے طفیل
سلگتے صحرا سے زم زم نکالتا ہے تو ہی
نجات دیتا ہے بندوں کو ہر مصیبت سے
شکم سے مچھلی کے زندہ نکالتا ہے تو ہی
جو لوحِ ذِہنِ مُشاہدؔ میں بھی نہیں یارب
وہ حرفِ تازہ قلم سے نکالتا ہے تو ہی
از مؤلفـ: ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی
(۳) نعتِ پاک
اس مرحلے میں ناظم کو چاہیے کہ حمدِ باریِ تعالیٰ کے کسی بھی شعر کے مفہوم کو ذہن میں رکھ کر نبیِ کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی تعریف و توصیف سے متعلق کچھ کلمات ادا کرے اور اشعار بھی سنائے۔( گذشتہ صفحہ پر درج کی گئی حمد سے مطابقت رکھتے ہوئے ایک تمثیل)
مثال: ’’ بطونِ سنگ میں کیڑے کس کے صدقے و طفیل پلتے ہیں ؟ ۔۔صدف میں گوہرِ نایاب کس کے صدقے میں ڈھلتے ہیں ؟ ۔۔مُردہ زمینیں کس کے صدقے میں زندہ کر دی جاتی ہیں ؟ ۔۔گلوں کی رنگینی و رعنائی کس کے لیے ؟۔۔یہ زمیں آسماں کس کے لیے ؟ ۔۔بل کہ کہنے والے یوں کہتے ہیں کہ ؎
زمین و زماں تمہارے لیے مکین و مکاں تمہارے لیے
چنیں و چناں تمہارے لیے بنے دوجہاں تمہارے لیے
دہن میں زباں تمہارے لیے بدن میں ہے جاں تمہارے لیے
ہم آئے یہاں تمہارے لیے اٹھیں بھی وہاں تمہارے لیے
(حضرت رضاؔ بریلوی)
تمہارے لیے کون؟ ۔۔وہی نبیِ برحق کہ جن کا صدقہ یہ زمیں، جن کا صدقہ آسماں، جن کے صدقے آپ ہم، اُن کو ہم گئے ہیں بھول، انھیں کو یاد کرنے کے لیے۔۔تو آئیے! عقیدت و محبت کے بوسے بہ صد احترام و خلوص دہلیزِ نبوت پر ثبت کر دیں اور نذرانۂ نعت کے لیے آپ کے رو بہ رو، محترم / محترمہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ۔ ‘‘
( اس کے بعد ناظم نعت کے اشعار کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بر جستہ و برمحل کوئی شعر سنائے تاکہ سامعین کی دل چسپی برقرار رہے )
نعتِ رسول اکرمﷺ
صبیح آپ صباحت کی آبروٗ بھی آپ ملیح آپ ملاحت کی آبروٗ بھی آپ
ہُوا، نہ ہے نہ کبھی ہو گا آپ سا کوئی وجیہ آپ وجاہت کی آبروٗ بھی آپ
سعادتوں نے سعادت ہے آپ سے پائی سعید آپ سعادت کی آبروٗ بھی آپ
سراپا آپ کا معمور نکہتوں سے ہے نفیس آپ نفاست کی آبروٗ بھی آپ
زبان گنگ فصیحانِ کائنات کی ہے فصیح آپ فصاحت کی آبروٗ بھی آپ
ہر ایک لفظ دلوں میں اترتے جاتے تھے خطیب آپ خطابت کی آبروٗ بھی آپ
بلاغتوں میں جو یکتا تھے بن گئے گونگے بلیغ آپ بلاغت کی آبروٗ بھی آپ
جو قتل کرنے کے درپَے تھے وہ بھی کہتے تھے
امین آپ امانت کی آبروٗ بھی آپ
قسیمِ نعمتِ رب آپ ہیں مرے آقا کفیل آپ کفالت کی آبروٗ بھی آپ
ہزار جرم و خطا ہیں، ہیں آپ کے لیکن شفیع آپ شفاعت کی آبروٗ بھی آپ
عطا ہو عصیاں کی بیماریوں سے آقا شفا طبیب آپ طبابت کی آبروٗ بھی آپ
بروزِ حشر مُشاہدؔ کے پیشِ ربِّ جلیل وکیل آپ وکالت کی آبروٗ بھی آپ
از مؤلف : ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی
(۴) تحریک و تائیدِ صدارت
(نعتِ پاک کے بعد جو ماحول بنا ہے اس میں تحریکِ صدارت کچھ اس طرح ہو گی )
’’پیا ہے جامِ محبت جو آپ نے نوریؔ
ہمیشہ اس کی رہے جان و دل میں مخموری
ہو جس سے پیدا سرور و بہار آنکھوں میں
ہمیشہ اس کا رہے گا خمار آنکھوں میں
(مؤلف)
اسی حمد و نعت کے خمار میں ڈوبے ہوئے نور و نکہت بھرے ماحول میں تحریکِ صدارت کے لیے آواز دوں گا۔ محترم / محترمہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ، کو کہ وہ آئیں اور تحریکِ صدارت پیش کریں۔‘‘
( وقت کی کمی کے سبب ناظم چاہے تو خود ہی صدر کے نام کا اعلان کرتے ہوئے جملہ سامعین کی تائید اور صدر صاحب کی اجازت سے پروگرام کی کارروائی کو آگے بڑھائے۔ )
مثال:’’آپ حضرات بہ خوبی جانتے ہیں کہ ہر چھوٹی بڑی تقریب کسی نہ کسی عظیم شخصیت کے زیرِ صدارت منعقد ہوتی ہے۔ آج وقت کی قلت کے سبب مَیں بہ حیثیتِ ناظم اس پروگرام کی صدارت کے لیے ایک ایسی شخصیت کا نامِ نامی پیش کرتا ہوں جن کی قربانیوں کے پھول، جن کے ایثار کی کہکشاں، جن کے لفظوں کی چاندنی، جن کے تجربات کے ماہ پارے کی چمک دمک کی انفرادیت کی بنا پر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ؎
جنونِ شوق میں جس سمت بے ارادہ چلے
ہم اپنے قافلے والوں سے کچھ زیادہ چلے
تو لیجیے جملہ سامعین کی تائید و حمایت سے مَیں محترم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب کا اسمِ گرامی آج کی اس تقریب کی صدارت کے لیے پیش کرتا ہوں اور صدر موصوف سے ملتمس ہوں کہ وہ اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھانے کی اجازت مرحمت فرمائیں۔‘‘
(۵) اَغراض و مقاصد
جس طرح سورج کا طلوع ہونا اپنے پیچھے کائناتِ ارضی کو منور و مجلا کرنے کا مقصد رکھتا ہے اور دانے کا زمین میں بویا جانا غرَض رکھتا ہے ہزار دانوں کو جنم دینا۔ اسی طرح آج کی یہ تقریب بھی اپنے آ پ میں مختلف مقاصد رکھتی ہے۔ لہٰذا آئیے محترم / محترمہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ،سے اِن مقاصد کو بہ غور سماعت کریں۔‘‘
(۶) مہمانوں کا تعارف و گل پیشی
ناظم کو چاہیے کہ اس مرحلے میں زیادہ بہتر ہے کہ وہ حد درجہ اختصار اور جامعیت کا خیال رکھے۔ اپنی نظامت کو کسی بھی طور خطابت نہ بننے دے۔
اِس کے لیے ہم ایسا کرسکتے ہیں کہ جس شخصیت کی گل پیشی ہے براہِ راست اس کا نام پیش کر دیا جائے اور جب اس کو پھول دیا جا رہا ہے اسی دوران دوچار جملوں میں اس کا تعارف پیش کر دیا جائے، ہوسکے تو اشعار کا استعمال بھی ہو۔ اگر ناظم کے علاوہ کوئی دوسرا مہمانوں کے تعارف کا فریضہ انجام دے رہا ہے تو اسے بھی چاہیے کہ وہ اپنی بات کو طول نہ دے بل کہ مختصر اور جامع انداز اختیار کرے۔
بسا اوقات دیکھا جاتا ہے کہ تعارف کرنے والے حضرات وقت کی نزاکت کو نہ سمجھتے ہوئے ایسا لمبا چوڑا تعارف پیش کرنا شروع کر دیتے ہیں کہ ان کے تعارفی کلمات بجائے خود ایک طویل تقریر کی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔ یہاں اس امر کو بھی ملحوظ رکھیں کہ شخصیت کے اندر جو اوصاف پائے جائیں انھیں کا اظہار کیا جائے بے جا مبالغہ آرائی سے پرہیز کریں۔ کیوں کہ یہی مرحلہ سامعین پر سب سے زیادہ گراں گذرتا ہے۔
(۷) تاثرات
اس مرحلے میں ناظم بھر پور اور جان دار طریقے سے مقرر کا تعارف پیش کرسکتا ہے۔ جملوں اور اشعار کی مددسے شخصیت کو اجاگر کرسکتا ہے۔ مقرر کو مدعو کرنے سے پہلے ناظم پورے جوش و خروش کے ساتھ ماحول بنائے تاکہ سامعین و حاضرین اس کے تاثرات کو سماعت کرنے کے لیے ہمہ تن گوش ہو جائیں۔
(اگر تاثرات کے لیے کوئی تدریسی شخصیت ہے تو اس طرح انھیں دعوتِ سخن دی جاسکتی ہے )
مثال:’’ حاضرین! اب مَیں آپ کا ذائقہ اور چاشنی بدلنے کے لیے نشاط و انبساط پیدا کرنے کے لیے بیان و تاثرات کے اس ماحول میں لے چلتا ہوں جہاں زندگی و شگفتگی سے بھرپور تاثرات سماعت کرنے کا موقع ملے گا۔
سامعینِ کرام! ہم دیکھتے ہیں کہ بڑی بڑی خوب صورت لکڑی کی عمارتیں تیار ہو جاتی ہیں، لیکن یہ کوئی نہیں جانتا کہ عمارت کے لیے کتنے درختوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ سونے چاندی اور دیگر دھاتوں سے حکومتِ وقت کا خزانا لبریز ہو جاتا ہے مگر یہ کوئی نہیں جانتا کہ زمین کے سینے کو کیسے کیسے چھلنی کیا گیا ہے۔ بچہ فوراً سوالوں کے جوابات دے دیتا ہے اپنے سبق کو یاد کر لیتا ہے، وہ نظم و ضبط اور اچھی عادات کا پیکر بن گیا ہے مگر یہ کم لوگ جانتے ہیں کہ اس کے پیچھے اساتذہ اور معلمات کی کتنی قربانیاں، ایثار اور محنت پوشیدہ ہے۔
بے شمار محنت اور جاں فشانی سے اپناکام کرنے والی شخصیت محترم/ محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ، کو میں تاثرات کے لیے اس شعر سے مدعو کر رہا ہوں کہ ؎
فلک پر جب چمکتا ہے ہمارے عزم کا سور ج
اندھیرے خود بہ خود تاریکیوں میں ڈوب جاتے ہیں
اور یہ کہ ؎
تعلیم کو لکّھیں گے اگر تاج محل ہم
اس پیکرِ تدریس کو محراب لکھیں گے ‘‘
علاوہ ازیں مختلف مذہبی، تعلیمی، سماجی، سیاسی اور اصلاحی شخصیات کو تاثرات کے لیے بلانے سے قبل ناظم اپنے طور پر مختصر اور جامع تمہیدی کلمات ادا کرے اور بروقت موزوں و مناسب اشعار کا استعمال کرتے ہوئے اپنی نظامت کو پُر لطف بنائے۔کتاب کے اخیر میں اشعار تو درج کیے گئے ہیں ذیل میں سرسری چند مثالیں ملاحظہ کریں۔
مثالیں : اگر کوئی مذہبی شخصیت ہے تو ان مصرعوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے ؎
خالق نے جنھیں دیا ہے زر دیتے ہیں
زر کیا خدا کی راہ میں گھر دیتے ہیں
اپنا سرمایا ہے فقط رکوع و سجود
ساماں نہیں رکھتے سر دیتے ہیں
(نامعلوم)
٭ اگر تعلیمی شخصیت ہو تو ان مصرعوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے ؎
چل پڑے ہم جس طرف بھی آبلہ پایانِ شوق
خار سے گل اور گل سے گلستاں بنتا گیا
(مجروحؔ)
آہ کس کی جستجو آوارہ رکھتی ہے تجھے
راہ تو، رہرو بھی تو، رہبر بھی تو منزل بھی تو
کانپتا ہے دل ترا اندیشۂ طوفاں سے کیا
ناخدا تو، بحر تو، کشتی بھی تو، ساحل بھی تو
(ڈاکٹر اقبالؔ)
٭ اگر سماجی شخصیت ہو تو ان مصرعوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے ؎
سحر انسانیت کا ہے تقاضا دہرِ فانی میں
کسی کے کام آ جائے تو اپنی زندگی دے دو
(نامعلوم)
٭ اگر سیاسی شخصیت ہو تو ان مصرعوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے ؎
ہم آتشِ سوزاں میں بھی حق بات کہیں گے
کندن کی طرح دہر میں تابندہ رہیں گے
تاریخ بتاتی ہے کہ ہر دورِستم میں
ہم زندہ تھے، ہم زندہ ہیں، ہم زندہ رہیں گے
(نامعلوم)
(۸) اعزازات
یہ مرحلہ یوں تو ہر تقریب میں نہیں رہتا لیکن اگر کسی پروگرام میں آیا تو اعزازات پانے والوں کی حوصلہ افزائی اور پذیرائی کے لیے کچھ کلمات اور اشعار ناظم کی طرف سے پیش ہوں تو سامعین کی دل چسپی بڑھ جاتی ہے اور صاحبانِ اعزاز کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ اس طرح کے چند اشعار کہہ جاسکتے ہیں ؎
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
۔۔۔۔۔۔
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتا ہے
۔۔۔۔۔۔
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
۔۔۔۔۔۔
پرواز ہو تری شاہیں کی پرواز سے آگے
رکھنا ہے قدم وقت کی آواز سے آگے
۔۔۔۔۔۔
(۹) خطبۂ صدارت
صدر صاحب کا تعارف کراتے ہوئے۔ ان کی شخصیت کی مناسبت سے موزوں کلمات اور اشعار کا استعمال کرتے ہوئے انھیں خطبۂ صدارت کے لیے دعوتِ سخن دی جائے۔
( صدر صاحب اگر درس و تدریس سے منسلک ہوں تو انھیں اس طرح بلایا جاسکتا ہے) ؎
’’نغمۂ بلبلِ شیدا تو سنا ہنس ہنس کر
اب جگر تھام کے بیٹھو مری باری آئی
سامعینِ مکرم ! آج کے اس دل کش پروگرام کی صدارت کے لیے ہمارے درمیان وہ شخصیت جلوہ افروز ہے۔ جس نے اپنی عملی زندگی میں مختلف پہلوؤں سے شہرِ عزیز کو متاثر کیا ہے۔ بالخصوص درس و تدریس کے شعبے میں ان کی گراں قدر خدمات اظہر من الشمس ہیں۔ ان کے بارے میں کچھ کہنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔ موصوف کے ایثار و قربانی اور خلوص و محبت کی ایک الگ کہانی اور طویل داستان ہے۔ بس یوں سمجھیے کہ شہرِ عزیز کی تعلیمی فضا میں انھوں نے جو گہرے اور اُجلے نقوش مرتب کیے ہیں،ان کے تذکروں کے بغیر ہماری تعلیمی ترقی کی تاریخ نامکمل رہے گی۔ یہ ہماری خوش بختی ہے کہ موصوف آج کی تقریب کے صدر نشین ہیں۔ اِن مصرعوں کے تناظر میں بہ صد احترام انھیں آواز دیتا ہوں کہ ؎
اس تند سیاہی کے پگھلنے کی خبر دے
دے پہلی اذاں رات کے ڈھلنے کی خبر دے
اے ساعتِ اوّل کے ضیا ساز مکرم
رنگوں کی سواری کے نکلنے کی خبر دے
(نامعلوم)
اور یہ کہ ؎
درس ایسا دے کہ آزردۂ منزل نہ ہو
فکر لاحاصل نہ ہو اندیشۂ باطل نہ ہو
( ڈاکٹر اقبالؔ)
اب آپ کے رو بہ رو صدر موصوف اپنی پُر مغز اور معلومات افزا گفتگو کے ساتھ۔۔‘‘
(۱۰) رسمِ شکریہ
اس مرحلے تک سامعین اپنے اندر اکتاہٹ محسوس کرنے لگتے ہیں۔ اس لیے ناظم کو چاہیے کہ بلا کسی تمہید کے براہِ راست رسمِ شکریہ ادا کرنے والی شخصیت کو آواز دے دے۔ اور رسمِ شکریہ کے بعد ایک اچھے ناظم کا کام یہ ہے کہ وہ مائک پر آ کر اعلان کرے کہ صدر صاحب کی اجازت سے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا جاتا ہے۔
(رسمِ شکریہ ادا کرنے والے حضرات کو بھی اس بات کا بھرپور خیال رکھنا چاہیے کہ پروگرام جب اپنی اختتامی منزل تک پہنچنے لگتا ہے تو سامعین کے مزاج اور موڈ میں تبدیلی واقع ہو جاتی ہے۔ اس لیے رسمِ شکریہ کو تقریر نہ بننے دیں۔جتنے مختصر ترین اور جامع انداز کو وہ اختیار کرسکتے ہیں اتنی ہی ان کی بات کو لوگ بہ غور سنیں گے نہیں تو دیکھا یہ جاتا ہے کہ اگر رسمِ شکریہ طوالت اختیار کرنے لگتی ہے تو حاضرین جلسہ گاہ سے ایک ایک کر کے نکلنے لگتے ہیں جو کہ بھلا معلوم نہیں ہوتا۔)
{۔۔۔۔۔۔}
تلاوت اور حمد و نعت کی مزید چند مثالیں
تلاوتِ کلامِ پاک
مثال : (۱)
’’ہر خشک و تر میں تو بسا، ہر کوئی ہے تیرا گدا
مری ابتدا مری انتہا ترے نام سے ترے نام سے
(مؤلف)
اللہ رحمن و رحیم کے مقدس ترین نام سے محفل کا آغاز کرتے ہیں کہ تمام تر تعریفیں اسی کے نام مختص ہیں ۔۔وہی ہمارا خالق ہے ۔۔وہی ہمارا مالک ہے ۔۔اسی سے جہاں کی بہار ہے ۔۔اسی سے دل کو قرار ہے ۔۔اسی کے یہ لیل و نَہار ہیں ۔۔اسی کے یہ دریا و کوہ سار ہیں ؎
کعبہ اسی کا اور حرا بھی اسی کا ہے
میرے لبوں پہ حرفِ دعا بھی اسی کا ہے
مشکل تھی ورنہ معنی و مفہوم کی نمود
یہ خامۂ طلسم کشا بھی اسی کا ہے
سامعینِ با تمکین ! انعقادِ بزمِ لوح و قلم اسی کے مقدس نام اور مبارک کلام سے کرتے ہیں ۔۔وہ قرآن جو سرچشمۂ ہدایت ہے ۔۔وہ قرآن جو رمزِ کائنات کا خزینہ ہے ۔۔وہ قرآن جو معرفت و ہدایت کا گنجینہ ہے۔۔وہ قرآن جس نے نہ جانے کتنے شقی دلوں کی دنیا بدل کر انھیں سعادت مندوں کی صف کا امامِ واجبُ الاحترام بنا دیا ۔۔آئیے اسی قرآنِ کریم کی آیاتِ طیبات کی تلاوت سے ہم اپنی اس تقریب کا آغاز کریں۔ تلاوتِ کلامِ ربانی کے لیے،
محترم/ محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ کو کہ ان مصرعوں سے آواز دے رہا ہوں کہ وہ آئیں اور اس بزمِ نطق و بیاں کا افتتاح فرمائیں ؎
سناؤ نغمۂ قرآں کہ ہم بیدار ہو جائیں
اندھیروں سے نکل کر صاحبِ انوار ہو جائیں ‘‘
مثال : (۲)
’’آغاز تیرے نام سے اے کارسازِ دوجہاں
رحمت تری سب سے سِوا تو سب سے بڑھ کر مہرباں
۔۔۔۔۔۔
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان رحمت والا
جس نے اپنے نبیِ امی صلی اللہ علیہ وسلم کو سب سے پہلا سبق’’ اقرا‘‘ کا پڑھایا۔آج ہم جس پروگرام کے لیے جمع ہوئے ہیں۔صرف اُسی کا آغاز ہی نہیں بل کہ ہر کام کا آغاز اسی خالقِ کائنات اور مالکِ کائنات کے نامِ نامی سے ہونا لازمی ہے جس کے حکمِ کُن کی تعمیل آج بھی جاری و ساری ہے۔ جسے ڈاکٹر اقبال نے یوں ارشاد فرمایا ہے کہ ؎
یہ کائنات ابھی ناتمام ہے شاید
کہ آ رہی ہے ابھی تک صدائے کُن فیکون
گویا آج دنیا کا کوئی پتّا بھی ہلتا ہے تو اسی کے حکم کے تحت۔
تو یہ ہماری سعادت مندی اور نیک بختی ہے کہ آج ہم اُس خالقِ بے مثال کو یاد کریں، جواحسنُ الخالقین ہے اور جس نے اپنے بندوں کو صرف بنایا ہی نہیں بل کہ نطق و بیان کی قوت بھی عطا کی اور اشرف المخلوقات کا تاج بھی پہنایا۔ اس لیے ہمارے لیے لازمی اور ضروری ہے کہ ہم اپنے رحمن و رحیم، ستار و قہار رب العزت کو ہر لمحہ یاد رکھیں۔
کسی کلام کی کیا بساط کہ اس کے کلام سے پہلے جگہ پانے کے اہل ہو ؟ ۔۔لہٰذا مَیں اس تمہید کو مختصر کرتے ہوئے گنجینۂ حق و صداقت اور صحیفۂ رشد و ہدایت یعنی کلامِ ربّانی کی تلاوت کے لیے بہ صد محبت آواز دے رہا ہوں محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ، کو کہ وہ آئیں اور اس تقریب کا آغاز فرمائیں۔‘‘
مثال : (۳ )
’’اسی کے ذکر سے معراجِ بندگی ہو گی
اسی کی بات سے تکمیلِ آرزو کرنا
اسی کے نام ہیں مختص تمام تعریفیں
اسی کے نام سے آغازِ گفتگو کرنا
(مؤلف)
کس کے نام سے آغازِ گفتگو کرنا ؟ ۔۔اُسی کے نام سے۔۔جو ہمارا اللہ ہے ۔۔خالقِ ارض و سماوات ہے ۔۔جس کے دم سے یہ کائنات منبعِ خیر و برکات ہے ۔۔جو سارے عالمین کا پالنہار ہے ۔۔جو ہمارا پروردگار ہے ۔۔وہی جو روزِ جزا وسز اکا مالک ہے ۔۔
اسی کے مقدس کلام کی تلاوت سے محفل کا آغاز کرتے ہیں۔ جسے لوگوں کی ہدایت کے لیے ربِ کائنات نے اپنے نبیِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا۔ وہ قرآن جو امتِ مسلمہ کی روح ہے۔ جس نے درندہ صفت انسانوں کو امن و انصاف کی دولتِ لازوال سے مالامال کیا۔ جس نے اونٹوں کے چرواہوں کو سالارِ کارواں بنایا۔ جس نے ساری دنیا میں امن و مساوات، عزت و حرمت، امانت و دیانت عصمت و عفت، صداقت و عدالت، سخاوت و شجاعت اور مروت و مودت کا درس دیا۔ جہالت کا نقشہ مٹایا۔ علم و عمل کی بادِ بہاری چلائی۔وہ مقدس قرآن جس کا پڑھنا پڑھانا بھی عبادت ہے اور سننا بھی عبادت،یہی نہیں بل کہ جس کا دیکھنا بھی عبادت ہے ؎
جہالت کا نقشہ مٹا کر دلوں سے
ہدایت کا رَستا چلاتا ہے قرآں
آیئے اسی دل کش اور پُر تاثیر کلام کی تلاوت سے محفل کا آغاز کریں جس کی فصاحت و بلاغت، سلاست و روانی، ترکیبیِ حُسن،وسعتِ معانی اور گہرائی و گیرائی کا کوئی جواب نہیں۔ تلاوتِ کلامِ پاک کے تازہ ترین گلاب کی خوشبوئیں بکھیرنے کے لیے آپ کے رو بہ رو قاریِ خوش الحان محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ۔ ‘‘
مثال : (۴)
’’ آغازِ محفل لوح و قلم اللہ جل شانہٗ کے مقدس ترین نام سے،
جو لفظوں کا خالق ہے ۔۔حرفوں کا مالک ہے ۔۔تحریروں کا پروردگار ہے ۔۔بے ستوں آسمانوں کا معمار ہے ۔۔خاک پر رنگ، نور اور خوشبو کا تابندہ اظہار ہے۔۔چاند سورج ستاروں میں اس کی ضیا ۔۔اس نے ہی سیپیوں میں گہر ٹانک کر ۔۔بحر کو ناز کرنے کا موقع دیا ۔۔موسموں کا تغیر وہی ۔۔جگمگاتی ہوئی فصل میں سوز و نم کا تصور وہی ۔۔زمیں کا چاند بھی وہ مُشک بھی گلاب بھی وہ ۔۔ ؎
بطونِ سنگ میں کیڑوں کو پالنے والا
حصارِ شب سے وہ سورج نکالنے والا
(مؤلف)
وہ خدا ۔۔وہ بزرگ و برتر خدا ۔۔جس نے اپنے حبیبِ مکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر وہ بے مثال کلام نازل فرمایا جس کی نظیر کوئی نہیں پیش کرسکتا ۔۔کہ ع
اُس کلام سے افضل کوئی کلام نہیں
آئیے! اُسی افضل ترین کلام سے محفل کا آغاز کرتے ہیں تاکہ یہ تقریب بابرکت اور با رونق بن جائے۔ لہٰذا اب بِلا کسی تاخیر محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب/ صاحبہ، کو ان مصرعوں کے تناظر میں دعوتِ تلاوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور قرآنی آیات کے نور سے محفل میں اُجالوں کا شامیانہ تان دیں ؎
سناؤ قرأت اصحابِ دہر کو
ظلمتِ شب سے نکالو سَحَر کو
کیا تمہیں معلوم نہیں کہ قرأت نے
بدل ڈالا تھا تقدیرِ عمر کو‘‘
(نامعلوم)
حمدِ باریِ تعالیٰ مثال : (۱)
’’سامعینِ محترم! مرحبا صد مرحبا ! ابھی ابھی محترم المقام قاری صاحب اپنے دل کش اور متاثر کن لب و لہجے میں اللہ رحمن و رحیم کے مقدس ترین کلام کی تلاوت سے ہمارے قلوب و اذہان کو منور و مجلا فرما رہے تھے۔ یوں تو تلاوتِ قرآن بھی خداوندِ قدوس کی کبریائی اور عظمت کا بیان ہے۔ لیکن دستور کے مطابق ہم بارگاہِ خداوندی میں بعدِ تلاوت، حمدِ پاک کا منظوم نذرانۂ بندگی پیش کرنا ضروری سمجھتے ہیں،۔۔حمد کیا ہے ؟ حمد ۔۔ ؎
حمدہے لفطِ مکرم
حمد ہے لفظِ معظم
حمد خود وجہِ بزرگی،حمد خود فن کی حیات
حمد ہے جانِ سخن
حمدسامانِ نجات
حمد ہے وجہِ سکوں
حمد ہے ربِّ جہاں کے اوصافِ اعلا کا بیان
حمد ہے معبودِ یکتا کے تشکر کا نشان
حمد ہے نورِ نگاہ،حمد رونقِ قلوب
(مؤلف)
تو آئیے! اپنی مترنم اور پُرسوز آواز سے قلب و نظر کو حمدِ باریِ تعالیٰ سے صیقل و مصفّا کرنے کے لیے مَیں محترم/ محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب/ صاحبہ کو آواز دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور حمدِ باریِ تعالیٰ کا تحفۂ بندگی پیش کریں۔ ‘‘
مثال : (۲)
’’ماشاء اللہ ! سبحان اللہ ! ابھی ابھی قادرِ مطلق جل شانہٗ کے جلالت مآب کلام کی تلاوت سے ہماری فکر و نظر کو طہارت و پاکیزگی سے ہم کنار کر رہے تھے محترم قاری صاحب،
اُسی خدائے لایزال کی حمد و ثنا بیاں کریں کہ جس کے نازل کردہ کلام سے ہم نے اپنی محفل کا آغاز کیا۔آئیے! اسی ربِ عظیم کی شانِ عزت و عظمت نشان میں حمدِ پاک کا نذرانۂ خلوص پیش کریں۔ جس کی عظمت و کبریائی کی تسبیح و تمجید کے ترانے کائناتِ عالم کے ذرّے ذرّے گاتے ہیں۔ تتلی کا رقص ہو یا گل کی ادا، موجِ خرام ہو یا بادِ صبا، صبح کی دل کشی ہو یا شام کی رعنائی، ستاروں کی چمک ہو یا چاندنی کی ردا، موجوں کا سکوت ہو یا گرداب کا وجد، آب شاروں کا ترنم ہو یا آبِ جُو کی صدا،ہر خشک و ترکے لب پہ جاری ہے بس اُسی کی حمد و ثنا، اُسی کی تعریف و توصیف ؎
یہ پھوٹتی سَحَر تری شانِ وجود ہے
مہکی ہو ئی شفق کی حنا تری حمد ہے
دیکھیں ہیں سات رنگ رکوع و سجود میں
قوسِ قُزح کی ساری کتھا تری حمد ہے
جاننا چاہیے کہ :- برگِ درختانِ سبز ورق ورق بن جائیں گر
قلم بنیں سارے شجر
سیاہی بنیں سارے بحر
واجباتِ حمد کی تکمیل پھر بھی نہ ہو گی
واجباتِ حمد کی تکمیل پھر بھی نہ ہو گی
یہ سچ ہے کہ ربِ کائنات جل جلالہٗ کی حمد و ثنا کا کوئی بھی بندہ حق ادا نہیں کرسکتا، لیکن ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اس کی بارگاہ میں ہمیشہ تشکر طراز رہیں اور اپنے آپ کو ہر لمحہ اُس کی حمد و ثنا میں مصروف رکھیں تو آئیے! انکسارِ عبدیت سے مملو نذرانۂ حمد لے کر آپ کے رو بہ رو،
محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ۔‘‘
مثال : (۳)
’’صد آفریں ! صد آفریں ! پروردگارِ عالم، قہار و جبار، رحمن و رحیم جل جلالہٗ و عم نوالہٗ کے بے مثال و لازوال کلامِ پاک کی تلاوت سے باضابطہ اس تقریب کا آغاز ہو گیا ہے۔
تلاوت کے اِس پُر کیف و پُر جلال ماحول میں ہم اپنی بندگی اور غلامی کا عاجزانہ اظہار کرتے ہوئے اُس کی تعریف و توصیف کے چراغ روشن کر لیں کہ جس کے قبضۂ قدرت میں ہر کسی کی جان ہے۔ وہی سب کا مالکِ حقیقی اور خالق و معبود ہے۔ جس کی ذاتِ جلالت مآب کے لیے حمد کا نذرانہ پیش کرنے سے پہلے دریچۂ ذہن سے یہ مصرعے ابھرتے ہیں کہ ؎
ہر سانس تری محتاجِ کرم
ہر دھڑکن تیری دست نگر
ہر نور ترا ہی عکسِ جمیل
ہر ظلمتِ شب ہے تیرا ہنر
۔۔۔۔۔۔۔۔
تُو لفظِ اُحد کی گہرائی تُو لفظِ صمد کی گیرائی
تو آخرِ شب کی رعنائی
تو جنبشِ لب کی شہنائی
۔۔۔۔۔۔۔۔
تُو وسعتِ بحر و ارض و سما تُو شوکتِ انجم و مہر و ماہ
تُو رقصِ لہو تُو ذوقِ نظر
تُو رونقِ دل تُو تابِ نگاہ
(اثرؔ صدیقی)
آئیے ! ان ہی مصرعوں کے تناظر میں منظوم حمدیہ ارمغانِ بندگی بارگاہِ صمَدیت میں نذر کرنے کے لیے مترنم لب و لہجے کے حامل محترم /محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ، آپ کے سامنے تشریف لا رہے ہیں ؎
تیرے الفاظ کے نغموں کے تقدس کی قسم
تجھ میں بلبل کی چہک گل کی مہک سب کچھ ہے‘‘
مثال : (۴)
’’سبحان اللہ ! سبحان اللہ ! رب العزت،قادرِ مطلق، خلاقِ عالم جل مجدہٗ کے مقدس و متبرک کلام کی تلاوت سے ایک کیف آگیں سماں پیدا ہو گیا۔ ایک طرف مؤدبانہ سکوت تو دوسری طرف ایمان افروز خاموشی طاری ہو گئی۔
اسی با ادب اور پُر جلا ل سکوت و خاموشی کے سایے میں اُس ذاتِ با عظمت و منزلت کی شانِ رفعت نشان میں حمدِ پاک کے گلہائے عقیدت و محبت نچھاور کریں کہ جس کی تکبیریں، جس کی تہلیلیں اور جس کی تمجیدیں گلاب کی خوشبوؤں میں بھی رچی ہیں تو یاسمین کی مہک میں بھی۔ چمن کی دلکشیوں میں بسی ہیں تو گلوں کی تازگیوں میں بھی۔ جوہی کی چٹک میں ہے تو چنبیلی کی مہک میں بھی۔ شمس و قمر کی چمک میں ہے تو کہکشاؤں کی دمک میں بھی۔ فضاؤں کی راگنی میں اسی کی حمد کے ترانے ہیں تو ہواؤں کی نغمگی میں بھی۔ ہر کام کی ابتدا اسی کی حمد سے۔ ہر کام کی انتہا بھی اسی کی حمدسے ؎
مری ابتدا مری انتہا ترے فضل سے تجھے حمد ہے
یہ مرا بیان و مری زباں ترے فضل سے تجھے حمد ہے
یہ شفق میں جو ہے حنائی رنگ، یہ جو مہر میں ہے طلائی رنگ
یہ قمر کا نور بھی یا خدا ترے فضل سے تجھے حمد ہے
یہ ستارے تارے یہ کہکشاں، یہ زماں زمین یہ آسماں
یہ مکیں مکاں ہوئے ضَو فشاں ترے فضل سے تجھے حمد ہے
یہ سمن و سوسن و یاسمن، یہ بنفشہ سنبل و نسترن
ہوئے مُشک بُو جو یہ برملا ترے فضل سے تجھے حمد ہے
(مؤلف)
تو آئیے ! بِلا کسی تاخیر کے آپ کے سامنے اپنی مدھر آوازوں سے کانوں میں رس گھولنے کے لیے حمد پاک کا نذرانہ لے کر محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب/ صاحبہ، آپ کے سامنے۔‘‘
نعتِ پاک مثال : (۱)
’’سامعینِ محترم! مرحبا صد مرحبا ! صد آفریں ! ابھی ابھی آپ کے سامنے حمدِ باریِ تعالیٰ کے خوب صورت گلاب کھلا رہے تھے محترم /محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ، جس کی خوشبو سے مشامِ جان و ایمان معطر و معنبر ہو رہی تھی۔ آئیے ! اب بہ صد احترام و عقیدت ذکرِ جمیل کریں اُس مقدس ترین ہستی کا جو وجہِ تخلیقِ کائنات ہیں۔ جو طٰہٰ و یٰٓس، مزّمّل و مدّثّر، منذر و نذیر اور سراجِ منیر ہیں۔ سوچیے تو سہی! یہ کتنی عجیب بات ہے کہ ذکرِ الٰہی سنتِ مصطفی ہے اور ذکرِ مصطفی سنت الٰہیہ، اسی لیے کہنے والے نے یوں رطب اللسانی کی ہے کہ ؎
کیوں نہ ہم پڑھے جائیں نعتِ مصطفی ہر دم
جب کہ خود کلام اللہ نعتِ جانِ رحمت ہے
(سید نظمی میاں مارہروی)
نعت کیا ہے ؟ نعت ۔۔نعت ۔۔
نعت حرفِ معتبر، نعت لفظِ محترم
نعت ہے وجہِ نجات، نعت ہے نورِ لحد،نعت ہے روحِ حیات
نعت کا مرہونِ منت قلبِ مضطر کا قرار
نعت ہی سے ہے فروزاں قنادیلِ قلب و نظر
نعت ہی سے محتشم ہر محفلِ لوح و قلم
نعت حریمِ جاناں میں ہے اذانِ شوق بھی
نعت آبروئے فن، نعت معراجِ ذوق بھی
پھوٹتی ہے خالقِ کل کے کلامِ پاک سے لمعانیِ نعتِ رسول
نورانیتِ وصفِ حضور، لاریب! ذکرِ مصطفی تمثیلِ بندگی بھی ہے
معبود کی سنت بھی ہے، معبود کی سنت بھی ہے (مؤلف)
تو آئیں ! معبودِ برحق کی سنت کو ادا کرنے کے لیے آپ کے سامنے،
محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب/ صاحبہ۔‘‘
مثال : (۲)
’’سبحان اللہ ! سبحان اللہ !سامعینِ با تمکین! حمدِ باریِ تعالیٰ کے پُر کیف و پُر نور ماحول سے ہم آگے بڑھتے ہوئے اپنے صاف و شفاف آئینۂ دل میں ایک ایسی مکرم و معظم اور مقدس و مطہر ذاتِ والا صفات کا جلوۂ جہاں آرا دیکھیں اور بات کریں، اس رسولِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی جو ہمارے مونس و غم خوار ہیں، تذکرہ کریں اس محبوبِ کردگار (ﷺ)کا جو کشتیِ امت کے کھیون ہار ہیں،جو تاج دارِ حرم ہیں، شہرِ یارِ ارم ہیں، نو بہارِ شفاعت، فخرِ رسل اور سیدِ کل ہیں ؎
وہ دانائے سبل مولائے کل ختم الرسل جس نے
غبارِ راہ کو بخشا فروغِ وادیِ سینا
(ڈاکٹر اقبالؔ)
غبارِ راہ کو وادیِ سینا کی تجلیاتِ بے کراں سے منور و مجلا کرنے والا کون؟ ۔۔وہی ہے جو محبوبِ ربِّ کائنات ہے، وہی ہے جو وجہِ تخلیقِ کائنات ہے۔ اسی کے صدقے سے نظامِ جہاں کی رنگینیاں برقرار ہیں، اسی کے صدقے سے صبح و شام کی دلکشیوں کا دارومدار ہے۔
اُسی خیرا لورا، خیرالبشر، جمیل الشیم، شفیع الامم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کے اسوۂ حسنہ سے مملو نعتِ پاک کا نذرانۂ خلوص و عقیدت ہم بہ صد احترام و محبت پیش کرتے ہوئے قلب و نظر کو پاکیزگی کا سامان بہم کرتے ہیں اور ان مصرعوں سے محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ کو دعوتِ سخن ہے کہ وہ آئیں اور نغمۂ نعت سے محفل پر روحانی و وجدانی سماں طاری کر دیں ؎
ظلمتِ قبر کی تنویر کا ساماں کر لیں
تیرگی بڑھنے سے پہلے ہی فروزاں کر لیں
شاہِ کونین کی الفت کے جلا کر دیپک
دل کی دنیا میں ہر اک سمت چراغاں کر لیں
(مؤلف)
مثال : (۳)
’’چند لمحوں میں ہے ماحول نکھرنے والا
وادیِ شب میں ہے مہتاب اُترنے والا
ذرّۂ خاک سے آتی ہے گلابوں کی مہک
گل بدن کون ہے رستے سے گذرنے والا
مرحبا! مرحبا ! صد آفریں !سامعینِ مکرم! آدم کی یہ بوڑھی زمین جاہ و حشمت اور جلالت و جبروت کے قصے بہت سن چکی۔
آؤ! عقیدت و احترام سے اپنی شکستہ جبینوں کو اُس کی مقدس دہلیز پر جھکا دیں، جس نے انسانیت کے دامن کو مالا مال کیا اور اسے اوجِ ثریا تک پہنچایا۔
اِس چمکتی آنکھ والے سورج نے شان و شوکت، عروج و زوال اور اقبال و اَدبار کے اَن گنت ادوار دیکھے۔
آؤ! عزت و خلوص سے خراجِ محبت کے بوسے اس درِ اقدس پر ثبت کر دیں۔ تذکرہ کریں اُس ذاتِ اقدس کا ۔۔جس نے زندگی کی تاریک راہوں کو اپنے اسوۂ حسنہ کی چمک دمک سے روشن و تاب ناک فرما دیا۔
بات کریں اُس ظلمت شکن پیمبر کی ۔۔جس کا لفظ لفظ ماہ تاب اور جس کا ہر کلام سورج ہے۔
قصیدہ خواں ہوں اس دربارِ رسالت مآب (ﷺ) میں ۔۔جس کی بوسیدہ چادر پر ردائے کہکشاں جاں نثار ہے۔یتیموں کے والی، بیواؤں کے دست گیر کی بارگاہ میں ارمغانِ نعت لے کر محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ، آپ حضرات کے رو بہ رو۔
اب آؤ ! وصفِ شہ دوجہاں کی بات کریں
بہم اسی طرح ہم توشۂ نجات کریں
مِٹا دیں ظلمتِ قلبِ مُشاہدِؔ خستہ
اے جانِ نور مجلا مری حیات کریں ‘‘
مثال : (۴)
’’سبحان اللہ ! ماشاء اللہ ! بات چل رہی تھی ربِّ ذوالجلال و الاکرام کی، اب آئیں تذکرۂ خیر کریں رحمتِ عالم و عالمیان (ﷺ) کا، تذکرہ اُس عالی مرتبت کا اور ہم جیسے بے حیثیت۔۔ہم کیا ؟ ہماری اوقات کیا ؟ ۔۔کہ اُس عالی وقار کی بات کریں جس کو عرش والے نے سراجاً منیرا فرمایا۔
ہاں ! ذکرِ جمیل ہے اسی رحمتِ عالم(ﷺ) کا، جس کے لیے زمین، چاند، سورج، ستارے، شجر و حجر، برگ و ثمر، لعل و گہر، بحر و بر، اور کائناتِ عالم کے دل کش مناظر، اُس خدائے قدیر و جبار نے سجائے اور فرمایا کہ بے شک ! ’’محمد(ﷺ) نہ ہوتے تو کچھ بھی نہ ہوتا ؎
وہ جو نہ تھے تو کچھ نہ تھا وہ جو نہ ہوں تو کچھ نہ ہو
جان ہیں وہ جہان کی جان ہے تو جہان ہے
(حضرت رضاؔ بریلوی)
ہم اس سرکارِ مدینہ کی تعریف و توصیف کیسے کریں ؟ اُن کی بارگاہِ عزت مآب میں کس طرح نعتِ پاک کا تحفہ پیش کریں کہ جن کا ذکرِ خیر قرآن کے پاروں میں ہے۔ وہ ظہورِ انسانیتِ کبرا، وہ مجسمۂ نعمتِ الٰہیہ، وہ معلمِ کتاب و حکمت، وہ فتح یابِ قلوبِ انسانی، وہ علم آموزِ درس گاہِ ہدایت، وہ خلوت نشینِ شبستانِ معرفت، وہ نورِ مبین جس سے چمکی فاراں کی چوٹی وہ مالکِ کوثر وہ صاحبِ قاب قوسین، جو ممدوحِ رب العالمین ہیں۔ آئیے ! بہ صد احترام و عقیدت سیدِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۂ نعت پیش کریں، جس کے لیے تشریف لا رہے ہیں مترنم لب و لہجے کے حامل محترم / محترمہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صاحب / صاحبہ،
ہر سو بکھرے ہیں خیالات میں دربار کے پھول
ہم نے اشکوں میں چھپا رکھے ہیں دیدار کے پھول
بزمِ اخلاص کو خوشبو کی ضرورت ہے بہت
مسندِ وقت پہ رکھ دو مرے غم خوار کے پھول
اُن کے ہر لفظ میں پنہاں ہے جلوسِ خوشبو
چوم لیتا ہوں عقیدت سے میں سرکار کے پھول
٭٭
(۲) مختلف تقریبات کے لیے نظامت
اسکولوں میں منائے جانے والے مختلف ’’دنوں ‘‘ کو مدِ نظر رکھ کر چند ایک کے لیے تمہیدی کلمات درج کیے جا رہے ہیں ناظم اپنے طور پر معمولی تبدیلی کے ساتھ فریضۂ نظامت کے دوران ان کا استعمال کرسکتا ہے۔
سال بھر اسکولوں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا رہتا ہے۔ اور الگ الگ دن بھی منائے جاتے ہیں۔ مثلاً : یومِ ماں، یومِ تعلیم، یومِ جمہوریہ، یومِ آزادی، یومِ مہاراشٹر، یومِ اردو، یومِ اساتذہ، یومِ خواتین، یومِ اطفال، یومِ ماحولیات، الوداعی تقریب، استقبالیہ تقریب، شعری نشست اور مختلف نوعیت کے مقابلے جات وغیرہ منعقد کیے جاتے ہیں۔
کتاب کے شروع میں درج کی گئی ہدایات کو بہ غور پڑھنے کے بعد اس پر عمل کرتے ہوئے ہم کسی بھی پروگرام کی کام یاب نظامت کر سکتے ہیں۔ ’’ پروگرام کی ترتیب ‘‘ عنوان کے تحت پروگرام کے مختلف عمومی مراحل کو پیچھے تحریر کیا جا چکا ہے۔ اپنے اعتبار سے اجلاس کی بدلتی نوعیتوں میں ان مراحل میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔
نمونے کے طور کسی بھی تقریب کے مکمل عمومی مراحل کی تفصیل بھی ہم نے پیچھے ملاحظہ کر لی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ تلاوتِ کلامِ پاک اور حمد و نعت کے لیے مزید 4/4مثالیں بھی مع چند اشعار پیش کر دی گئی ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے مطالعہ میں اضافہ کر کے اپنی نظامت کو مؤثر اور پُر کشش بنایا جاسکتا ہے۔
سال بھر اسکولوں میں ہونے والی مختلف تقریبات کی نظامت کے لیے ہمیں چاہیے کہ ہم سب سے پہلے ایک جامع اور مختصر تمہید پیش کر دیں اور اس کے بعد تلاوت اور حمد و نعت کے لیے مدعو کریں اور اگلے مراحل کو حسبِ ضرورت اپنے انداز سے مکمل کرتے ہوئے پروگرام کی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے مؤثر طریقے سے اجلاس کا اختتام کریں۔
طلبہ اگلے صفحات پر دیے گئے لفظوں کے باغ کو بھی بہ غور پڑھیں اور ان کے معنی و مفہوم کو سمجھ کر ان لفظوں کو مناسب اور صحیح موقع و محل پر استعمال کرنے کی صلاحیت اپنے اندر پروان چڑھائیں۔ واضح ہونا چاہیے کہ بغیر مشق اور مطالعہ کے ہم اچھے ناظم نہیں بن سکتے اس لیے زیادہ سے زیادہ مشق پر زور دیں۔کتاب کے آخر میں خاطر خواہ تعداد میں تلاوت اور حمد و نعت کے لیے اشعار اور متفرق اشعار کے علاوہ چند لطائف بھی لکھے جا رہے ہیں ان کو بھی ازبر کر کے دورانِ نظامت استعمال کریں اور ہوسکے تو گاہے بہ گاہے مشہور و معروف شعرا کے کلام اور کلاسیکی ادب کا مطالعہ کرتے ہوئے اپنے ذخیرۂ اشعار و الفاظ میں اضافہ کرتے رہیں۔
یومِ اساتذہ
اگر اسکول میں یومِ اساتذہ منایا جا رہا ہے تو اس کے تمہیدی کلمات یوں ہوسکتے ہیں :-
’’ سامعینِ با تمکین! اساتذہ کو قوموں کا معمار کہا گیا ہے۔ قوموں کی تعمیر اساتذہ کے ہاتھوں ہی ہوتی ہے۔ بچے جو بے ڈول اور اَن گڑھ پتھر کی طرح ہوتے ہیں۔ انھیں تراش کر ان میں چمک پیدا کرنے، انھیں جاذب نظر اور قیمتی ہیرا بنانے کا کام اساتذہ کے ذریعے ہی ہوتا ہے۔ جس طرح ایک کمہار مٹی کے ڈھیر سے خوب صورت برتن اور مورتیاں تشکیل دیتا ہے۔ جس طرح ایک معمار اینٹ، پتھر اور سمینٹ کی مدد سے ایک خوش نما محل تعمیر کرتا ہے۔ جس طرح ایک پرندہ اپنے ننھے ننھے بچوں کو نیلگوں فضاؤں میں اڑنا سکھاتا ہے، اسی طرح ایک استاد اپنی محنت سے بڑی ہنر مندی کے ساتھ قوم کا مستقبل سنوارتا ہے۔ قوموں کو بنانے، خوش حال اور ترقی یافتہ بنانے میں اساتذہ بہت اہم رول ادا کرتے ہیں۔
آج انھیں اساتذہ کی عزت افزائی اور قدر و منزلت کے لیے ہماری محبوب اسکول میں یومِ اساتذہ منایا جا رہا ہے جس کے لیے ہم اور آپ جمع ہوئے ہیں مَیں ہیڈ ماسٹر، جملہ اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے سامعین و حاضرین کااستقبال کرتا ہوں اور انھیں خوش آمدید کہتا ہوں۔‘‘
(اس کے بعد ناظمِ اجلاس تلاوت، حمد و نعت کے لیے مدعو کرے اور اگلے مراحل کو یکے بعد دیگرے ادا کرتے ہوئے پروگرام کی کارروائی کو آگے بڑھائے)
(اساتذہ کے لیے چند اشعار)
تعلیم کو لکھیں گے اگر تاج محل ہم اس پیکرِ تدریس کو محراب لکھیں گے
نگہ بلند، سخن دل نواز، جاں پُر سوز
یہی ہے رختِ سفر میرِ کارواں کے لیے
بیدار ہوں دل جس کی فغانِ سحری سے
اُس قوم میں مدت سے وہ درویش ہیں نایاب
کوئی تو ایسا ہو کہ نظر جس پہ رُک سکے اہلِ نگاہ دیدہ وروں کو ترس گئے
اپنے استادوں کو پایا ہم نے مشفق مہرباں
حق نے بخشے ہیں انھیں اوصافِ میرِ کارواں
کہنے کو اہلِ علم کی کوئی کمی نہیں
لیکن خود اپنی فکر، خود اپنی نظر کہاں
پھونک کر اپنے آشیانے کو روشنی بخش دی زمانے کو
فلک پر جب چمکتا ہے ہمارے عزم کا سور ج
اندھیرے خود بہ خود تاریکیوں میں ڈوب جاتے ہیں
سرمۂ مفتِ نظر ہوں مری قیمت یہ ہے
کہ رہے چشمِ خریدار پہ احساں میرا
{۔۔۔۔۔۔}
یومِ ماں
اسی طرح اگر اسکول میں ’’یومِ ماں ‘‘منایا جا رہا ہے تو اس کے تمہیدی کلمات یوں ہوسکتے ہیں :-
’’ہم نشینانِ محفل ! ماں کائناتِ ارضی پر اللہ رب العزت کا ایک لاجواب اور بے مثال تحفہ ہے۔ یہ ایک ایسی بیش قیمت دولت ہے جس کا کوئی مول نہیں ہوسکتا۔ ماں خود تکالیف سہہ لیتی ہے مگر اپنے جگر گوشوں کے آرام و اطمینان کا بھر پور خیال رکھتی ہے۔ وہ ماں ! جو اولاد کے لیے مجسمۂ کرم ہے۔ وہ ماں ! جو اپنی اولا د کی ہار کو بھی جیت ہی کہتی ہے۔ وہ ماں ! جس کا انگ انگ، گلاب کی پنکھڑیاں۔ نس نس، شہد کی تازہ نہریں۔ نفَس نفَس، مُشک و عنبر کی شیشیاں۔ زلفیں، ساون کی گھٹائیں۔ پیشانی،قوسِ قُزح۔ پلکیں، ممتا کی چھت۔ دونوں آنکھیں،پیار کے دو مٹکے۔ دونوں لب، بابِ کعبہ کے دونو ں پٹ۔ زبان،مصری کی ڈلی۔ منہ، زم زم کا کنواں، دونوں ہاتھ، کعبۂ دل کے دو ستون۔ ناخن، پہلی تاریخ کا ہلال۔ او ر قدموں کے نیچے انگڑائی لیتی ہوئی جنت۔
توآج اسی مقدس ماں سے منسوب ’’یومِ ماں ‘‘ کی اس با وقار تقریب میں ہم اور آپ یک جا ہوئے ہیں۔ لہٰذا ماں جیسی مقدس ہستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہمارے طلبہ اس تقریب میں آپ کے سامنے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔‘‘
(اس کے بعد ناظم تلاوت، حمد و نعت کے لیے مدعو کرے اور اگلے مراحل کو یکے بعد دیگرے ادا کرتے ہوئے پروگرام کی کارروائی کو آگے بڑھائے )
(ماں کے لیے چند اشعار)
مختصر ہوتے ہوئے بھی زندگی بڑھ جائے گی
ماں کی آنکھیں چوم لیجے روشنی بڑھ جائے گی
بَلائیں اس کو زمانے کی چھو نہیں پائیں
جو اپنی ماں کی دعاؤں کے سائبان میں تھا
لپٹ کے روتی نہیں ہیں کبھی شہیدوں سے
یہ حوصلہ بھی ہمارے وطن کی ماؤں میں ہے
کچھ نہیں ہو گا تو آنچل میں چھپا لے گی مجھے
ماں کبھی سر پہ کھلی چھت نہیں رہنے دے گی
محبت کرتے جاؤ بس یہی سچی عبادت ہے
محبت ماں کو بھی مکہ مدینہ مان لیتی ہے
سوت کے یہ تانے بانے بیش قیمت ہو گئے
ماں ترے اُترن کو سمجھا میں نے مریم کا لباس
دھوپ غم کی اک پل میں چھٹ گئی مرے سر سے
پیاری ماں کی جب میں نے دوستو! دعا پائی
پاس پہنچا مَیں تو مجھ پر راز اس کا کھل گیا
چاند کب تھا چاند سا چہرہ تھا اماں جان کا
مجھے خبر نہیں کہ جنت بڑی کہ ماں، لیکن
بزرگ کہتے ہیں جنت بشر کے نیچے ہے
{۔۔۔۔۔۔}
یومِ ماحولیات
اسی طرح اگر اسکول میں ’’یومِ ماحولیات ‘‘منایا جا رہا ہے تو اس کے تمہیدی کلمات یوں ہوسکتے ہیں :-
’’محترم حاضرین! کارخانوں کی چمنیوں سے اٹھنے والے دھوئیں، موٹر کاروں اور آمدورفت کے دیگر ذرائع کے سبب فضا میں پھیلنے والی آلودگی، جنگلات کی بے تحاشا کٹائی کے سبب تازہ اور صاف و شفاف ہوا کی کمی، اس قسم کے سنگین مسائل سے آج کی دنیا نبرد آزما ہے۔
عہدِ حاضر صنعتی ترقی کا دور کہلاتا ہے۔ دنیا کا ہر ملک صنعتی میدان میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے کوشاں ہے۔ جس کے نتیجے میں فیکٹریوں اور کارخانوں کا جو جال بچھتا جا رہا ہے وہ قابلِ تشویش ہے۔ جن کے سبب فضائی آلودگی، آبی آلودگی اور نہ جانے کیسی کیسی آلودگیاں پنپ رہی ہیں۔
آج ساری دنیا کے دانش ور اس بات سے فکر مند ہیں کہ دن بہ دن دنیا کا ماحولیاتی توازن بری طرح بگڑتا جا رہا ہے۔ یہ جدید صنعتی اور سائنسی دنیا کی ایک ایسی دین ہے جس کا علاج اگر ابھی نہیں کیا گیا تو آیندہ زمانے میں بنی نوعِ انسان کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آج انسان یہ سوچنے پر مجبور ہو گیا ہے کہ ؎
ہم اُس بلندی پہ آ گئے ہیں کہ اپنی پرواز کھو نہ بیٹھیں
تو آؤ اپنی بقا کی خاطر ذرا سی نیچی اڑان کر لیں
ایک دور میں ہم نے صنعتی انقلاب کو اپنے لیے رحمت سمجھا تھا۔ مگر آج وہی تمام انسانیت کے لیے زحمت بن گیا ہے، بہ قولِ شاعر ؎
یہ کرشمہ ہے مرے برقی تمدن تیرا
دل جو چمکا تھا کبھی اس میں بھی اندھیارا ہے
(مقیم اثرؔ بیاولی)
ماحولیات کے تحفظ کے تئیں فکر مندی جتانے کے لیے آج ’’یومِ ماحولیات‘‘ میں ہم اور آپ شریک ہیں۔ اس تقریب میں ماحولیات کے توازن کو کس طرح برقرار رکھا جائے اور مختلف قسم کی آلودگیوں سے ماحول کو کس طرح پاک و صاف رکھا جائے اس پر مقررین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔‘‘
(اس کے بعد ناظم تلاوت، حمد و نعت پڑھواتے ہوئے پروگرام کی کارروائی کو آگے بڑھائے )
یومِ تعلیم
اگر اسکول میں ’’یومِ تعلیم ‘‘منایا جا رہا ہے تو اس کے تمہیدی کلمات یوں ہوسکتے ہیں :-
’’جملہ شرکائے بزم ! وحیِ قرآنی کا پہلا نور جب اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب مصطفی جانِ رحمت (ﷺ) پر نازل فرمایا تو وہ ’’اقرا‘‘ کی تابندگی تھی یعنی ’’پڑھو!‘‘ ۔۔ضیائے اسلام جب پھیلنے پر آئی تو جہالت کی تاریکی کو علم کے نور سے ختم کرنے لگی۔ لیکن رفتہ رفتہ حالات نے پلٹا کھایا اور ہمارے عروج وا قبال کا دور فنا ہونے لگا۔
حضرات ! وہ مسلم قوم ہی تھی جس نے اَخلاقیات کے ضمن میں دنیائے انسانیت کی قیادت کا فریضہ انجام دیا۔ جس نے طرزِ معاشرت اور تہذیب و تمدن کی با وقار منزل تک مبتذل انسانوں کی رہِ نمائی فرمائی۔وہ بھی ہم ہی تھے جنہوں نے اقوامِ عالم کو سائنسی شعور کے نئے دریچوں سے آگاہ کیا۔
وہی قوم جو کبھی دنیا میں امامت و قیادت کرتی تھی علم کی بہ دولت، عمل کی بہ دولت، اور جس نے اقوامِ عالم کو تعلیم کے مخفی گوشوں سے متعارف کرایا آج جہالت و لاعلمی کے عمیق اور تاریک غاروں میں گرتی جا رہی ہے۔
سامعین! ذرا جائزہ لیں آج تعلیمی لحاظ سے ہم کتنے پسماندہ ہیں ؟ ہمارا شمار آج اس ملک کی جاہل ترین قوموں میں ہو رہا ہے۔ اسی خول سے نجات دلانے کے لیے آج ہم اپنی اسکول میں ’’یومِ تعلیم ‘‘ منا رہے ہیں۔ دور و نزدیک سے آئے ہوئے ماہرینِ تعلیم ہمیں اپنے مفید کلمات سے نوازیں گے۔ ہم مکمل اطمینان و سکون کے ساتھ ان کی باتیں نہ صرف سماعت کریں بل کہ ان پر عمل بھی کرنے کی کوشش کریں۔‘‘
(اس کے بعد ناظم تلاوت، حمد و نعت پڑھواتے ہوئے پروگرام کی کارروائی کو آگے بڑھائے )
(تعلیم کے لیے چند اشعار)
نظر حیات پہ رکھتا ہے مردِ دانش مند
حیات کیا ہے؟ حضور و سرور و نور و وجود
زندگی کچھ اور شَے ہے، علم ہے کچھ اور شَے
زندگی سوزِ جگر ہے، علم ہے سوزِ دماغ
علم میں دولت بھی ہے، قدرت بھی ہے، لذت بھی ہے
ایک مشکل ہے کہ ہاتھ آتا نہیں اپنا سراغ
آج اپنی ہی زلفوں کے خم و پیچ میں گم ہے
وہ جس نے زمانے میں تمدن کو سنوارا
بے علم بھی ہم لوگ ہیں غفلت بھی ہے طاری
افسوس کہ اندھے بھی ہیں اور سو بھی رہے ہیں
زندگی ہو مری پروانے کی صورت یارب علم کی شمع سے ہو مجھ کو محبت یارب
اے علم تیری ذات سے دنیا کا بھلا ہے
دنیا ہی نہیں دین کی بھی تجھ پہ بِنا ہے
وہ علم نہیں زہر ہے احرار کے حق میں
جس علم کا حاصل ہے جہاں میں دو کفِ جَو
ہمیشہ اپنے دل میں علم کا اک شوق پاتا ہوں
یہ ایسا گلستاں ہے جو کبھی ویراں نہیں ہوتا
{۔۔۔۔۔۔}
اسی طرح یومِ جمہوریہ، یومِ آزادی، یومِ مہاراشٹر، یومِ اردو،یومِ خواتین، یومِ اطفال، اور دیگر تقریبات کے لیے طلبہ و ناظم محنت و مشقت اور جوش و لگن کے ساتھ مطالعہ و جستجو کی عادت پیدا کرتے ہوئے تیاری کریں۔ اور ان کے بارے میں چند جملے لکھنے کی بھی مشق کرتے رہیں۔ مختصر اور جامع تمہیدی کلمات قلم بند کرنے کے بعد انھیں اچھی طرح ازبر کر لیں تاکہ وہ گاہے بہ گاہے کام میں آسکیں۔ جو بھی لکھیں اسے ایک فائل میں محفوظ کرتے جائیں اس طرح آپ کے پاس نظامت کے بارے میں ایک اچھا خاصا ذخیرہ بھی جمع ہوسکتا ہے۔
اچھے ناظم کے لیے علاوہ دیگر خوبیوں کے یہ بات بھی ہونا بے حد ضروری ہے کہ وہ کثیر المطالعہ ہو۔ شعر وادب اور تاریخ و سیرت پر لکھی گئی اچھی کتب کا مطالعہ کرنے سے ہر طرح کی تقریبات میں نظامت کے لیے اُسے کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔
اس کتاب میں مزید مثالیں اس لیے نہیں پیش کی جا رہی ہیں کہ اس سے محنت و جستجو اور تلاش و تفحص کی عادت ترک ہو جائے گی اور ہمارے طلبہ آرام طلب بنتے جائیں گے۔ ویسے بھی نظامت کا فن رَٹنے سے نہیں بل کہ مسلسل مشق اور ریاضت سے آتا ہے۔ہم نے اس کتاب میں نظامت کے فن کے بارے میں ضروری ہدایات اور طریقۂ کار کو سمجھانے کی اجمالی کوشش کی ہے۔
{۔۔۔۔۔۔}
(۳) نظامت کے لیے گل دستۂ اشعار
تلاوت اور حمد و نعت کے علاوہ متفرق اشعار لکھے جا رہے ہیں نظامت کے شائقین ان کو یاد کر کے دورانِ نظامت موقع و محل کی مناسبت سے استعمال کریں۔
تلاوتِ کلامِ پاک کے لیے چند اشعار
محفل کی ابتدا ہے قرآنِ مجید سے
رحمت کے پھول برسیں گے ذکرِ سعیدسے
٭
جگمگا اٹھی فضا نور خدا کا چمکا
پڑھنے قرآن جب اطفالِ خوش اِلحان آئے
٭
اہلِ منطق سر بہ سجدہ رہ گئے
پڑھ لیا جب فلسفہ قرآن کا
٭
قرآن کی تلاوت سے آغاز ہو محفل کا
اس نور سے پا جائیں ہم راستا منزل کا
٭
صحرا میں جنگلوں میں بیابان میں پڑھو
مینار گر پڑے تو میدان میں پڑھو
یہ بے خبر نجومی تمہیں کیا بتائیں گے
کل ہونے والا کیا ہے قرآن میں پڑھو
٭
ٹھکانا ہی نہیں اس بزمِ عرفاں کی روانی کا
کہ جو بھی لفظ ہے ہر ایک ہے گوہر معانی کا
٭
غارِ حرا سے نکلی تھی عرصہ گذر گیا
اب بھی ہے خوب روشن قرآن کی شعاع
حمدیہ اشعار
تو کریم ہے تو رحیم ہے تری ذات سب سے عظیم ہے
نہیں کوئی تجھ سا ہے دوسرا تو خبیر ہے تو علیم ہے
یہ لطافتیں یہ عنایتیں یہ ترے کرم کی وضاحتیں
جو چمن میں ہے تو نسیم ہے جو گلوں میں ہے تو شمیم ہے
تو ہے راز ذات و صفات کا تو ہے رنگ بزمِ حیات کا
کہیں شانِ خُلقِ محمدی کہیں حُسنِ نطقِ کلیم ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
آفاق میں پھیلے گی کب تک نہ مہک تیری
گھر گھر لیے پھرتی ہے پیغام تیرا
۔۔۔۔۔۔۔۔
تتلی کا رقص گل کی ادا تری حمد ہے
موجِ خرام بادِ صبا تری حمد ہے
موجیں ہیں بے سکوں کہیں گرداب وجد میں
دریا کی بے قرار ادا تری حمد ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
چل قلم اب حمدِ رب مقصود ہے
تیرا میرا سب کا جو معبود ہے
ہے وہی شاہد وہی مشہود ہے
نور اس کا ہر جگہ موجود ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
ہر ایک کام سے پہلے یہ ہم نے کام کیا
خدا کی حمد کی، بعدہٗ کلام کیا
۔۔۔۔۔۔۔۔
گلوں کے جسم میں خوشبو اتار دیتا ہے
جلالِ حُسن تو پروردگار دیتا ہے
وہ ٹانک ٹانک کے روشن تبسموں کے گلاب
غمِ حیات کی زلفیں سنوار دیتا ہے
وہ لفظ لفظ کو دیتا ہے موتیوں کی چمک
وہ کاوشاتِ قلم کو نکھار دیتا ہے
وہی تو دیتا ہے لہجوں کو رنگِ پیراہن
وہ حرف حرف کو جلوہ ہزار دیتا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
خدا کے نام سے جلسے کا ہم آغاز کرتے ہیں
وہی مالک ہے ہم اس کے کرم پہ ناز کرتے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔
زمیں کا چاند بھی وہ مشک بھی گلاب بھی وہ
جو برف ہو یہ لہو شہرِ آفتاب بھی وہ
اسی کے رنگ مری حسرتوں کے قالب میں
بدن رُتوں میں مہکتا خطاب بھی ہو
۔۔۔۔۔۔۔۔
صفحۂ فکر کو تحریر عطا کرتا ہے
لفظ ہر لفظ کو تفسیر عطا کرتا ہے
صرف دن کو ہی منور نہیں رکھا اس نے
شب کی ظلمت میں بھی تنویر عطا کرتا ہے
اس کے اِکرام و نوازش کی کوئی حد ہی نہیں
کاہ کو کوہ کی توقیر عطا کرتا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
فکر اسفل ہے مری ذکر ہے اونچا تیرا
وصف کیا خاک لکھے خاک کا پُتلا تیرا
باغ میں پھول ہُوا شمع بنا محفل میں
جوشِ نیرنگ در آغوش ہے جلوا تیرا
ہر سَحَر نغمۂ مرغانِ نوا سنج کا شور
گونجتا ہے ترے اوصاف سے صحرا تیرا
۔۔۔۔۔۔۔۔
ہے پاک رتبہ فکر سے اُس بے نیاز کا
کچھ دخل عقل کا ہے نہ کام امتیاز کا
لب بند اور دل میں وہ جلوے بھرے ہوئے
اللہ رے جگر ترے آگاہِ راز کا
۔۔۔۔۔۔۔۔
تری ذات سب سے عظیم ہے تری شان جل جلالہٗ
تو ہر اک سے بڑھ کے کریم ہے تری شان جل جلالہٗ
تو قدیر ہے تو بصیر ہے، تو نصیر ہے تو کبیر ہے
تو خبیر بھی تو علیم ہے تری شان جل جلالہٗ
تو غفور بھی تو شکور بھی، تو ہی نور بھی تو صبور بھی
تو حفیظ ہے تو حلیم ہے تری شان جل جلالہٗ
تو ہے منتقم تو وکیل بھی، تو ہے مقتدر تو کفیل بھی
تو ہی نعمتوں کا قسیم ہے تری شان جل جلالہٗ
مِلا حمد و نعت کا شوق جو، یہ مُشاہدِؔ عصیاں شعار کو
یہ ترا ہی فضلِ عمیم ہے تریہ شان جل جلالہٗ
۔۔۔۔۔۔۔۔
نعتیہ اشعار
وہ کمالِ حُسنِ حضور ہے کہ گمانِ نقص جہاں نہیں
یہی پھول خار سے دور ہے یہی شمع ہے کہ دھواں نہیں
کروں تیرے نام پہ جاں فدا نہ بس ایک جاں دوجہاں فدا
دوجہاں سے بھی نہیں جی بھرا کروں کیا کروروں جہاں نہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔
گذرے جس راہ سے وہ سیدِ والا ہو کر
رہ گئی ساری زمیں عنبرِ سارا ہو کر
۔۔۔۔۔۔۔۔
سب سے اَولا و اعلا ہمارا نبیﷺ
سب سے بالا و والا ہمارا نبیﷺ
بجھ گئیں جس کے آگے سبھی مشعلیں
شمع وہ لے کر آیا ہمارا نبیﷺ
۔۔۔۔۔۔۔۔
جتنا مرے خدا کو ہے میرا نبی عزیز
کونین میں کسی کو نہ ہو گا کوئی عزیز
اس در کی خاک پر مجھے مرنا پسند ہے
تختِ شہی پہ کس کو نہیں زندگی عزیز
۔۔۔۔۔۔۔۔
طیبہ کی آرزو میں مرا دل اداس ہے
زندہ ہوں بس کہ پھر وہاں جانے کی آس ہے
طیبہ کی ارضِ پاک پہ تدفین ہو مری
اللہ کے حضور یہی التماس ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
لبوں سے پھول جھڑتے ہیں جب یہ نعت پڑھتے ہیں
زباں کی سرخ قینچی سے ہزاروں دل کترتے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔
تنظیم و عمل تہذیب و ادب، اخلاص و وفا ایثار و کرم
سرکار کے حُسنِ سیرت سے کیا کچھ نہیں سیکھا دنیا نے
۔۔۔۔۔۔۔۔
ابھی نہ چھیڑ صبا سنبل و گلاب کی بات
ابھی نبی کے پسینے کی بات کرتے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔
سجاؤ شوق سے ذکرِ رسول کی محفل
کہ یہ چراغ ہے مرقد کی روشنی کے لیے
۔۔۔۔۔۔۔۔
چشمِ خفتہ کو جگا دے نعتیہ اشعار سے
قلب کو بیدار کر دے نغمگی گفتار سے
۔۔۔۔۔۔۔۔
حمد کے واجبات کہہ دیجے
نعت بہرِ نجات کہہ دیجے
روشنی میں کتاب و سنت کی
دل میں اترے وہ بات کہہ دیجے
۔۔۔۔۔۔۔۔
بلبل کو چین ملتا ہے باغوں کے پھول سے
دل کو سکون ملتا ہے نعتِ رسول سے
۔۔۔۔۔۔۔۔
کیسا انسان وہ پیدا ہوا انسانوں میں
خون توحید کا دوڑا دیا شریانوں میں
۔۔۔۔۔۔۔۔
طیبہ کے تاج دار نے دی زندگی نئی
وہ آئے اور پھیل گئی روشنی نئی
اخلاص اور صدق کا جذبہ عطا کیا
بخشا اصولِ امن نیا آشتی نئی
۔۔۔۔۔۔۔۔
وہ سرورِ کشورِ رسالت، شفاعتیں بے مثال ان کی
خدا کے بندے ہمارے آقا، عنایتیں بے مثال ان کی
لباسِ پیوند، منہ میں روزہ، شکم پہ پتھر، چٹائی بستر
یہ سادگی بے نظیر ان کی، قناعتیں بے مثال ان کی
۔۔۔۔۔۔۔۔
آمدِ ختمِ رسل ہے نور کی برسات ہے
جتنا روشن دن ہے اتنی ہی منور رات ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
شفا ملے نہ جسے قیمتی دواؤں سے
مَلے وہ جسم پَہ اپنی غبارِ کوے رسول
۔۔۔۔۔۔۔۔
محمد مصطفی آئے جہاں میں روشنی لے کر
ہر اک انسان کی خاطر شعورِ زندگی لے کر
تھے ظلم و جَور کے طوفاں جہاں میں اوج پر لوگو!
شہِ کون و مکاں آئے پیامِ آشتی لے کر
۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ آئے سرکشی کا جنازہ نکل گیا
پھیلا دی جگ میں عظمتِ انسان کی شعاع
۔۔۔۔۔۔۔۔
مجھے طلب نہ ہو دنیا کے سیم و زر کی خدا
فقط ہو دل سے مرے دل کو آرزوئے نبی
۔۔۔۔۔۔۔۔
میں نے آقا کا جب ذکرِ اطہر کیا
خانۂ دل کو رب نے منور کیا
بزمِ احساس میں روشنی آ گئی
جوں ہی روضے کا میں نے تصور کیا
۔۔۔۔۔۔۔۔
جب مجھے مدینے کی لوگو! یاد آتی ہے
بزمِ ذہن و دل میں وہ خوشبوئیں بساتی ہے
دل پہ کیا گذرتی ہے لفظوں میں بیاں کیا ہو؟
جب مدینے جانے کی آس ٹوٹ جاتی ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
قلب و نظر پہ خوشبو نے فوراً کیا پڑاؤ
لوگو! فقط خیالِ رسالت مآب سے
نہ مل سکے گا سُن لو کسی سے کبھی ہمیں
ادراکِ زیست ہو گا انھیں کی جناب سے
۔۔۔۔۔۔۔۔
نبی کا روضۂ انور نظر میں رہتا ہے
حسیٖن نقش اسی کا جگر میں رہتا ہے
نبی کا درد قرارِ دل و نظر بن کر
ہر اہلِ دل کے دلِ معتبر میں رہتا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
مرے نورالہدا آئے جہاں میں روشنی پھیلی
مرے بدرالدجیٰ آئے جہاں میں روشنی پھیلی
جہاں میں کفر کی ظلمت جہالت کا اندھیرا تھا
مرے شمس الضحیٰ آئے جہاں میں روشنی پھیلی
۔۔۔۔۔۔۔۔
نبی کے نام سے رونق ہے بزمِ عالم میں
یہ نام پست کو بالا مقام دیتا ہے
یہ نام باعثِ تسکینِ قلبِ مضطر ہے
یہ نام درد کے عالم میں کام دیتا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
ہے دوائے سوزِ قلبی شہ دیں کی مدح خوانی
اُسے کیا ہو بے قراری جو نبی سے منسلک ہے
اُسے کیا گزند ہو گی سرِ حشر گرمیوں سے
جو ثنائے مصطفا میں صبح و شام منہمک ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
نشاط انگیز ہے لمحہ بڑا نعتیں سنانے کا
غم و آلامِ دوراں کی تمازت کو مٹانے کا
ہے ذکرِ مصطفا بھی باعثِ تسکینِ جان و دل
دلِ ظلمت زَدا کو نور کا بقعا بنانے کا
۔۔۔۔۔۔۔۔
قابلِ رشک یہ احساس ہے سوچیں تو سہی!
طیبہ جانے کی مجھے آس ہے سوچیں تو سہی!
مجھ کو دیدارِ رُخِ شاہِ مدینہ ہو نصیب
کیسی سندر یہ مری پیاس ہے سوچیں تو سہی!
۔۔۔۔۔۔۔۔
’’تاروں کی انجمن میں یہ بات ہو رہی ہے‘‘
نجم و قمر کے لب پر جاری یہ ہر گھڑی ہے
طیبہ کے ذرّے ذرّے سے ہر سمت روشنی ہے
’’مرکز تجلیوں کا خاکِ درِ نبی ہے‘‘
متفرق اشعار
رحمت و نور کی برسات یہیں ہونی ہے
آج شب بھر یہیں آ کر کے گذارا جائے
۔۔۔۔۔۔۔۔
تشنگی جم گئی پتھر کی طرح ہونٹوں پر
ڈوب کر بھی ترے دریا سے میں پیاسا نکلا
۔۔۔۔۔۔۔۔
ہزار خوف ہو لیکن زباں ہو دل کی رفیق
یہی رہا ہے ازل سے قلندروں کا طریق
۔۔۔۔۔۔۔۔
یقیں محکم، عمل پیہم، محبت فاتحِ عالم
جہادِ زندگانی میں ہے یہ مَردوں کی شمشیریں
۔۔۔۔۔۔۔۔
غیرت کی نگاہوں میں یہ آنسو نہیں خوں ہیں
گر پردۂ غفلت پہ ٹپک جائے تو جل جائے
حالات کی گردش نے چلایا ہے جو مجھ پر
اے کاش و ہ نشتر ترے احساس پہ چل جائے
۔۔۔۔۔۔۔۔
ہو گرمیِ تقریر کہ ہو شوخیِ تحریر
فرسودہ ہے یہ آرٹ بھی اب لوحِ جہاں پر
اب سادہ زبانوں کو تو کر دل سے ہم آہنگ
ہیں گوش بر آواز سبھی تیری اذاں پر
۔۔۔۔۔۔۔۔
گنگناتا ہوا یہ کون چمن سے گذرا
ہر کلی مائلِ گفتار نظر آتی ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
روش روش نغمۂ طرب ہے
چمن چمن جشنِ رنگ و بو ہے
طیور شاخوں پہ ہیں غزل خواں
کلی کلی گنگنا رہی ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
دیوانگیِ شوق میں وہ نغمہ کر بلند
اک روح دوڑ جائے رگِ کائنات میں
لے کر حریمِ حُسن میں آ وہ جنونِ شوق
سر تا قدم جو غرق ہو نورِ حیات میں
۔۔۔۔۔۔۔۔
نغمہ ہے سودائے خام خونِ جگر کے بغیر
نقش ہے سب ناتمام خونِ جگر کے بغیر
۔۔۔۔۔۔۔۔
ترے علم و محبت کی نہیں ہے انتہا کوئی
نہیں ہے تجھ سے بڑھ کر سازِ فطرت میں نوا کوئی
۔۔۔۔۔۔۔۔
آغوشِ صدف جس کے نصیبوں میں نہیں ہے
وہ قطرۂ نیساں کبھی بنتا نہیں گوہر
۔۔۔۔۔۔۔۔
ترے ضمیر پہ جب تک نہ ہو نزولِ کتاب
گرہ کشا ہیں نہ رازی نہ صاحبِ کشّاف
۔۔۔۔۔۔۔۔
خدا تجھے کسی طوفاں سے آشنا کر دے
کہ تیرے بحر کی موجوں میں اضطراب نہیں
تجھے کتاب سے ممکن نہیں فراغ کہ تو
کتاب خواں ہے، مگر صاحبِ کتاب نہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔
کتنی پیاری مدھ بھری آواز ہے
دل کو جو اپنا بنا لے وہ حسیں انداز ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
آ چکے لوگ دیوانہ ابھی باقی ہے
افتتاحِ درِ مَے خانہ ابھی باقی ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ کون تھا کس نے بکھیری تھیں مستیاں
ہر ذرّہ صحنِ باغ کا ساغر بدوش ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
اے وقت ٹھہر جا کہ ذرا اور بھی سُن لیں
لمحے یہ بار بار میسر نہیں ہوتے
۔۔۔۔۔۔۔۔
خطابت کی دنیا پہ ہے حکمرانی
دلوں کو جگاتی ہے سحر البیانی
فدا ان کی تقریر پر ہے یقیناً
گلوں کا تبسم کلی کی جوانی
۔۔۔۔۔۔۔۔
ساقی، شراب، جام و سبو، مطرب و بہار
سب آ گئے بس آپ کے آنے کی دیر ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
اہلِ محفل منتظر ہیں دیر سے عالی وقار
آپ کے پَند و نصائح کا انھیں ہے انتظار
۔۔۔۔۔۔۔۔
گلوں میں رنگ بھرے بادِ نوبہار چلے
چلے بھی آؤ کہ گلشن کا کاروبار چلے
۔۔۔۔۔۔۔۔
کچھ ایسی بے خودی ہے ترے انتظار میں
تصویر بن چکا ہوں میں تصویر دیکھ کر
۔۔۔۔۔۔۔۔
عزائم میں سمو لو اپنے دریاؤں کی طغیانی
اٹھو اور بخش دو ذرّوں کو تاروں کی درخشانی
۔۔۔۔۔۔۔۔
ذات اسمِ بامسمیٰ قول ہے با اعتبار
بہرِ مجلس آمدِ تو باعثِ صد افتخار
۔۔۔۔۔۔۔۔
چمن کے ہر شگفتہ گل سے جیسے پیار ہے سب کو
سرِ محفل صدارت آپ کی تسلیم ہے سب کو
۔۔۔۔۔۔۔۔
اللہ رے موصوف کی رنگین بیانی
ہر لفظ ہے گل دستۂ گل زارِ معانی
ٹھہرے ہوئے لہجے میں ہے گنگا کی روانی
الفاظ کی بندش میں ہے جمنا کی جوانی
۔۔۔۔۔۔۔۔
مجھ کو ترے اندازِ سخن پر ہی ناز ہے
تو آگیا تو ساری ہی محفل پہ چھا گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔
یہی مقصودِ فطرت ہے یہی رمزِ مسلمانی
اخوت کی جہاں گیری محبت کی فراوانی
۔۔۔۔۔۔۔۔
دو عالم سے کرتی ہے بے گانہ دل کو
عجب چیز ہے لذّتِ آشنائی
۔۔۔۔۔۔۔۔
چمن میں پھول کا کھلنا تو کوئی بات نہیں
زہے وہ پھول جو گلشن بنائے صحرا کو
۔۔۔۔۔۔۔۔
اجالے اپنی یادوں کے ہمارے ساتھ رہنے دو
نہ جانے کس گلی میں زندگی کی شام ہو جائے
۔۔۔۔۔۔۔۔
یوں مسکرائے جان سی کلیوں پہ پڑ گئی
یوں لب کشا ہوئے کہ گلستاں بنا دیا
۔۔۔۔۔۔۔۔
نہ ڈگمگائے کبھی ہم وفا کے رستے میں
چراغ ہم نے جلائے ہوا کے رستے میں
۔۔۔۔۔۔۔۔
کس نے اپنے دل کے لہو سے لالہ و گل میں رنگ بھرا
جن کو دعوا ہو گلشن پر ہم سے آنکھیں چار کریں
ضربِ خیال سے کہاں ٹوٹ سکیں گی بیڑیاں
فکرِ چمن کے ہم رکاب جوشِ جنوں بھی چاہیے
۔۔۔۔۔۔۔۔
موجِ دریا سے یہ کہتا ہے سمندر کا سکوت
جس کا جتنا ظرف ہے اتنا ہی وہ خاموش ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
چہرہ کھلی کتاب ہے عنوان کچھ بھی دو
جس رُخ سے بھی پڑھو گے مجھے جان جاؤگے
۔۔۔۔۔۔۔۔
آنکھیں رہیں گی شام و سحر منتظر تری
آنکھوں کو سونپ دیں گے ترا انتظار ہم
۔۔۔۔۔۔۔۔
تمہاری دید ہی مقصد رہاجس کی بصارت کا
وہ چشمِ منتظر پتھرا گئی کیا تم نہ آؤ گے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔
تو اِرادے کا ہمالہ، ہے عمل کا آب شار
ایسا سورج ہے جسے لگتا نہیں ہرگز گہن
۔۔۔۔۔۔۔۔
مجھ کو اس سے کیا غرض صبح ہے یا شام ہے
خدمتِ اہلِ چمن ہر وقت میرا کام ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
ان کا جو کام ہے وہ اہلِ سیاست جانیں
میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے
۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ گل ہیں مہک ہیں شفق ہیں چمک ہیں
ان لفظوں میں پوشیدہ ہے تصویر آپ کی
۔۔۔۔۔۔۔۔
لبوں کو کھول دو گل کی شگفتگی کے لیے
ترس رہا ہے گلستاں بس اک ہنسی کے لیے
۔۔۔۔۔۔۔۔
کشتی کا پاسبان فقط ناخدا نہیں
کشتی میں بیٹھنے کا سلیقہ بھی چاہیے
۔۔۔۔۔۔۔۔
جان کر مِن جملۂ خاصانِ مَے خانہ مجھے
مدتوں رویا کریں گے جام و پیمانہ مجھے
۔۔۔۔۔۔۔۔
سیر کی پھول چنے خرم و دل شاد رہے
باغباں ! ہم تو چلے گلشن ترا آباد رہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
(۴) نظامت کے لیے لفظوں کا باغ
ناظم کو چاہیے کہ اگلے صفحات میں درج کیے جا رہے مختلف الفاظ کے معنی و مفہوم کو سمجھ کر شخصیات اور موضوعات کے اعتبار سے موقع و محل کی مناسبت سے ان کا صحیح تلفظ اور حُسن ادا کے ساتھ استعمال کرے۔
اللّہ عز و جل کے لیے
اللہ رحمن و رحیم
خدائے بزرگ و برتر
ربِّ لم یزل
قادرِ مطلق
خالقِ کون و مکاں
مبدیِ فیاض
نقّاشِ ازل
پروردگارِ عالم
قہار و جبار
مالکِ روزِ جزا
حقیقی پالنہار
بے ستوں آسمانوں کا معمار
صانعِ عالم
دستِ قدرت
مالکِ حقیقی
مالکِ ارض وسما
بارگاہِ صمدیت
خلاقِ کائنات
رسول اللّہﷺ کے لیے
سببِ تخلیقِ کائنات
سرورِ انس و جاں
سیاحِ لامکاں
محبوبِ کردگار
شافعِ روزِ شمار
مصطفی جانِ رحمت
شہرِ یارِ ارم
تاج دارِ حرم
نوبہارِ شفاعت
انیسِ بے کساں
چارہ سازِ دردمنداں
دانائے سبل
مولائے کل
مونس و غم خوار
فخرِ رسل
خیرالبشر
خیرالرسل
خیرالورا
صاحبِ معراج
سرتاپا معجزہ
محبوبِ رب العالمین
طٰہٰ و یٰس
مزّمّل و مدّثّر
منذر و نذیر
سراجِ منیر
جمیل الشیم
شفیع الامم
صاحبِ قاب قوسین
سید عالمین
رحمتِ دوجہاں
قرآنِ حکیم کے لیے
رمزِ کائنات
گنجینۂ ہدایت
سرچشمۂ صداقت
نجاتِ انسانیت
حیات آفریں پیغام
افضل الکلام
متفرقات
بہ صد خلوص و محبت
بہ عز و وقار
پاک طینت
جامع شریعت و طریقت
سیاحِ علم و ادب
شناورِ بحر سخن
پیکر اخلاص و محبت
سر چشمۂ اَخلاق و مروت
مصدرِ عشرت و نکہت
ادیبِ با کمال
شہنشاہِ ترنم
عزت مآب
عالی وقار
ذی شان
ذی وقار
ذی علم
ذی فہم
مشہور و معروف
مہتم بالشان
عظیم المرتبت
ذی صلاحیت
ارمغانِ بندگی
انکسارِ عبدیت
افتخارِ ابدیت
صاحبِ ادراک
ہر دل عزیز
مقررِ شعلہ بیاں
گہر بار خطیب
محققِ زماں
شیریں بیاں مقرر
باطنی صلاح کار
مخلصِ زمانہ
مصلحِ قوم و ملت
خوش کلام
خطیبِ شہیر
کمالِ سخن
بے باک خطیب
واعظِ خوش اسلوب
شیریں گفتار
شاعرِ خوش گلو
پیکرِ اخلاص
مجسمۂ انکسار
قاریِ خوش الحان
شاہ کارِ ترنم
شیریں مقال
خوش نما نغمگی
دل ربا ترنم
نگینۂ شعر و ادب
دل نشین انداز
مخصوص لب و لہجہ
پُر جوش آواز
مسحور کن انداز
مومنانہ نگاہیں
نور و نکہت میں ڈوبی رات
دامنِ زندگی
ہمت افزائی
قدم رنجہ
سعادت کے پھول
صمیمِ قلب
مخلصانہ کرم فرمائی
سراپا تشکر طراز
ممنون و متشکر
دیدہ و دل فرشِ راہ
فصاحت و بلاغت
سلاست و روانی
ترکیبیِ حُسن
وسعتِ معانی
گہرائی و گیرائی
جذبہ و فن
فکر و تخیل
شوکتِ ادا
جدت و ندرت
طرزِ اظہار
پیرایۂ بیان
مجلا و مصفا
بصیرت افروز تقریر
تعمیری فکر و بصیرت کا حامل،
مشک بار کلمات
ابدی سعادت
گوہرِ فکر و فن
مترنم لب و لہجہ
ترنمی فضا
بلبل کی چہک
پھولوں کی مہک
کلیوں کی چٹک
کوئل کی کوک
آب شاروں کا ترنم
شگفتہ مزاجی
محتاجِ تعارف
مودبانہ التماس
کیف و سرور
نشاط و انبساط
شگفتگی و شادابی
تلاطم خیز دریا
بحرِ بے کراں
بارشِ انوار و رحمت
جذبات کی روانی
مسکراہٹ آمیز ہونٹ،
جذبۂ تشکر
اظہارِ ممنونیت
باعثِ صد افتخار
سببِ رونقِ محفل
مترنم آوازوں کا جادو
پیمانۂ صبر و ضبط
والہانہ لگاؤ
مخلصانہ وارفتگی
نکات آفریں خطاب،
سرمایۂ حیات
پیامِ زندگی
جذبۂ عقیدت
نشّۂ الفت
ولولہ انگیز تقریر
مستفیض و مستنیر
دعوتِ فکر
جو ش و روانی
بر جستگی و شیفتگی
جذباتی نشیب و فراز
قافلۂ شب
قہقہہ زار
بذلہ سنجی
تفننِ طبع
پاکیزگی کا نو ر
تزکیہ و طہارت
کہکشاں کا ظہور
اُبلتا ہوا آب شار
جادو بیانی
بلند حوصلگی
گوش بر آواز
ہمہ تن گوش
مدحت سرائی
بجلی کی چمک
بادل کی گرج
دریا کی روانی
موجوں کی طغیانی
تتلی کا رقص
موجِ خرام
نغموں کا تقدس
اظہارِ صداقت
ماہیِ بے آب
جذبات کی نزاکت،
روشن دماغ
پھول کی پنکھڑی
ستاروں کا تبسم
شبنم کی مسکراہٹ
کشورِ دل
لہجے کا اتار چڑھاؤ
فیضانِ نظر
مکتب کی کرامت
آدابِ فرزندی
عزم و حوصلہ
فکر و نظر
جوش و عقل
شاہیں صفت
زینتِ طاق
سحر انگیز
بزمِ تخیلات
طاقِ نسیاں
آہنگِ مضراب
نکتہ آرائی
اندازِ خرام
آئینِ وفا
انشراحِ صدر
پیکرِ تدریس
بہارِ نغمہ
پروازِ خیال
موجِ بہار
تشنگیِ شوق
ادب آموز
روح پرور
ایمان افروز
باطل شکن
یقین افزا
پاکیزہ مقاصد
بلند عزائم
دعائے نیم شبی
گریۂ سَحَر گاہی
مُشتِ خاک
خیابانِ ہستی
خزاں کی چیرہ دستی
گلوں کی نکہت افشانی
عنادل کی نغمہ ریزی
بہار آفریں
شاہ راہِ ہمت
(۵) لطائف
٭ ایک مشاعرے میں ایک شاعر کو مطلع کا مصرع پڑھنے پر داد نہیں ملی۔ نہ شعرا کی طرف سے نہ سامعین کی طرف سے، ناظم نے جب یہ صورتِ حال دیکھی تو زور سے بولے۔
’’حضرت مصرع اٹھائیے۔‘‘ ۔۔آواز آئی۔’’ مصرع اٹھانے سے بہتر ہے شاعر ہی کو اٹھا دیا جائے۔‘‘
۔۔٭ ۔۔
٭ جملہ چسپاں کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔ با ذوق سامعین اکثر ایسے ریمارک پاس کرتے ہیں کہ شاعر لاجواب ہو جاتا ہے۔ بھٹنڈہ کے مشاعرہ میں مشیرؔ جھنجھاوی نے شعر پڑھا ؎
دیوانے کے ہمراہ بھی رہنا ہے قیامت
دیوانے کو تنہا بھی تو چھوڑا نہیں جاتا
سامعین میں سے کسی نے زور سے کہا:’’ سبحان اللہ ! کیا شعر ہے ؟شعر کیا ہے یہ ہر شاعر کی بیوی کے دلی جذبات کا آئینہ ہے۔‘‘
۔۔٭ ۔۔
٭ ایک لائبریری کے انچارج کو رات کے وقت کسی نے گھر پر فون کیا۔ لائبریرین نے ریسیور اٹھایا۔ آواز آئی۔’’جناب ! لائبریری کس وقت کھلتی ہے؟‘‘
لائبریرین نے غصے سے کہا۔’’کیا آپ کو اس وقت لائبریری جانا ہے؟‘‘
آواز آئی:’’ جانا کہاں ہے جناب؟ باہر آنا ہے۔‘‘
۔۔٭ ۔۔
٭ ایک انگریز عورت نے ڈاکٹر اقبالؔ سے پوچھا :’’ کہتے ہیں سارے پیغمبر، برِ اعظم ایشیا میں ہی پیدا ہوئے ؟‘‘
اقبالؔ نے کہا :’’ٹھیک ہے۔‘‘۔۔۔۔انگریز عورت بولی:’’ یورپ کو آخر کیوں چھوڑ دیا گیا؟‘‘
اقبالؔ نے جواب دیا :’’ محترمہ! یورپ میں بھی ایک ہستی پیدا کی گئی ہے۔‘‘
انگریز عورت خوش ہو کر بولی:’’ بتائیے وہ کون ہے؟‘‘۔۔اقبالؔ نے مسکرا کر جواب دیا:’’ ابلیس۔‘‘
۔۔٭ ۔۔
٭ استاد :(شاگرد سے )’’اسمِ شریف اور اسمِ گرامی میں کیا فرق ہے؟‘‘
شاگرد:’’ جناب! اُس شخص کا نام جو شریف اور ٹھنڈے مزاج کا ہو، اسمِ شریف کہلاتا ہے، اور جو گرم
مزاج کا ہو اس کا نام اسمِ گرامی کہلاتا ہے۔
۔۔٭ ۔۔
٭ ماسٹر صاحب نے بچوں سے کہا کل سُستی پر مضمون لکھ کر لانا ہو گا۔ اگلے روز ماسٹر صاحب نے بچوں سے مضمون دکھانے کو کہا۔ ایک بچے نے کاپی کا آدھا صفحہ سادہ چھوڑ کر لکھا ہوا تھا کہ اس سے زیادہ سُستی کیا ہوسکتی؟
٭٭٭
فائل کی فراہمی کے لئے مصنف کا تشکر
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
رہنمائے نظامت
ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی
ناظم کے لیے یاد رکھنے والی چند دیگر باتیں
٭ جہاں تک ہوسکے مطالعہ کی عادت پیدا کریں اور ایسی نثری کتب ضرور پڑھتے رہیں جن کے مطالعہ سے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ ہو۔
٭ مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی مناسبت سے ایسے القاب و آداب کا ایک عمدہ انتخاب تیار کر لیں جو مبالغہ آرائی اور جھوٹ کی آمیزش سے پاک ہوں۔
٭ ناظم کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اچھے اور نام ور شعرا کے مجموعۂ کلام کو بار بار پڑھے اور موقع و محل کی مناسبت سے فٹ بیٹھنے والے خوب صورت اور معیاری اشعار کو از بر کر لے۔
٭ ہر مرحلے کے بعد ناظم گذشتہ اور اگلے مرحلے میں آنے والے افراد کی بھر پور پذیرائی اور حوصلہ افزائی کرے۔ اور ہر مرحلہ باہم مربوط انداز میں ادا کر کے۔
٭ اہم ترین بات یہ ہے کہ ناظم اپنی ہر بات کو مختصر اور جامع انداز میں پیش کرے نظامت کو خطابت نہ بننے دے کہ اس سے سامعین کا موڈ آف ہو جا تا ہے۔
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)