دین و مذہب

ریاست اسلامی

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (93,615 الفاظ)

ریاست اسلامی

نامعلوم

حدیث افتتاحیہ

مسندِ احمد میں روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم نے فرمایا:
تکون فیکم النبوۃ ما شاء اللّٰہ أن تکون ثُمَّ یرفعھا اللّٰہ إذا شاء أن یرفعھا ثُمَّ تَکُوْن خِلَا فۃً عَلَی منھاج النبوۃ فتکون ما شاء اللہ أن تکون ثُمَّ یرفعھا اللّٰہ إذا شاء أن یرفعھا ثُمَّ تکون ملکاً عاضاً فتکون ما شاء اللہ أن تکون ثُمَّ یرفعھا اللّٰہ إذا شاء أن یرفعھا ثُمَّ تکون ملکاً جبریۃً فتکون ما شاء اللہ أن تکون ثُمَّ یرفعھا اللّٰہ إذا شاء أن یرفعھا ثُمَّ تَکُوْن خِلَا فۃً عَلَی منھاج النبوۃ
تم میں اُس وقت تک نبوت رہے گی جب تک اللہ تعالیٰ کی مرضی ہو گی کہ نبوت رہے، پھر اللہ تعالیٰ جب چاہے گا اسے اُٹھا لے گا پھر عین نبوت ہی کی طرز پر خلافت ہو گی تو وہ رہے گی جب تک اللہ تعالیٰ کی مرضی ہو گی، پھر وہ جب چاہے گا اسے اُٹھا لے گا، پھر کاٹ کھانے والی بادشاہت ہو گی تو وہ رہے گی جب تک اللہ تعالیٰ کی مرضی ہو گی، پھر وہ جب چاہے گا اسے اُٹھا لے گا، پھر جبری اور استبدادی حکومت ہو گی، تو وہ رہے گی جب تک اللہ تعالیٰ کی مرضی ہو گی، پھر وہ جب چاہے گا اسے اُٹھا لے گا،
پھر عین نبوت ہی کی طرز پر خلافت ہو گی۔

مقدمہ

موجودہ نسل کو وہ اسلامی حکومت یاد نہیں ہے جس نے اسلام کا نفاذ کیا، اور وہ لوگ جو اسلامی حکومت(یعنی خلافت عثمانیہ) جس کے خلاف مغرب اپنے حملوں سے برسرِ پیکار رہا، انہوں نے بھی اسلامی حکومت کا بچا کچا ڈھانچا دیکھا جو اسلام کے احکام کو جزوی طور پر نافذ کر رہا تھا۔ اسی لئے آج یہ بات کسی بھی مسلم کے لئے بہت مشکل ہے کہ وہ اسلامی طرزِ حکومت کا تصور بھی کرے کیونکہ ذہن آج کے حالات سے ماؤف ہو چکے ہیں جو اور سوائے اس بوسیدہ جمہوریت کے جو مسلمان ملکوں پر تھوپ دی گئی ہے، کسی اور طرزِ حکومت کا خیال بھی لائیں۔
صرف یہی ایک مسئلہ نہیں ہے بلکہ سب سے زیادہ مشکل کام تو ان ذہنوں کو تبدیل کرنا ہے جو مغربی تہذیب سے مرعوب ہو چکے ہیں۔ یہی مغربی تہذیب فی الحقیقت وہ خنجر تھا جس سے اسلامی ریاست پر حملہ کیا گیا اور اس طرح مجروح کیا کہ ریاست نے دم ہی توڑ دیا۔ اسی خون آلودہ خنجر کو پھراُس ریاست کے بیٹوں کو بڑے فخر سے دکھایا کہ ہم نے اسی سے تمہاری ماں کو ختم کیا کیونکہ وہ بیمار تھی اور ایک ماں ہونے کا حق نباہ نہیں پا رہی تھی اور اب تمہارے لئے ایسی زندگی ہو گی جس میں تم خوشیوں اور خوشحالی کے مزے لوٹو گے۔ پھر ان بیٹوں نے اُسی قاتل سے ہاتھ ملا لیا جس کے ہاتھ کے خنجر پر ابھی بھی وہ خون تھا جو کبھی اُنکی ماں کے جسم میں گردش کرتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ چرخ(ایک شکاری قسم کا کُتّا جو بھیڑئے سے مشابہت رکھتا ہے ) بھی اپنے شکار کے ساتھ کچھ یہی سلوک کرتا ہے کہ شکار دم بخود ہو کر اپنے حواس کھو بیٹھتا ہے اور اس وقت تک اسے خبر نہیں ہوتی جب اُس پر حملہ ہو اور خون بہنے لگے یا پھر اسے گھیر کر کسی وادی میں نہ لے جایا جائے جہاں وہ اس کا لقمہ بنے۔
اس طرح یہ مرعوب ذہن، جب تک کہ وہ مغربی تہذیب زدہ ہیں، کیسے پہچان پاتے کہ یہی وہ خنجر ہے جس نے ان کی ماں کو ہلاک کیا اور جو اب انکی اپنی زندگی بلکہ پورے وجود کے لئے ہی خطرہ ہے۔ وہ یہ کیسے محسوس کریں کہ ان کے ذہنوں میں جو مغربی تصوّرات ہیں مثلاً وطنیت، امور حیات سے دین کی علیحدگی اور دوسرے غیر اسلامی افکار ہی دراصل وہ زہر ہیں جو مغربی تہذیب سے مرعوب ان کے ذہنوں میں رچ بس گئے ہیں۔ اس کتاب کا ایک باب جو مغربی مشنریوں سے متعلق ہے، وہ ایسے اعداد و شمار اور حقائق سے لبریز ہے اور قاتل کی نیت کو اور انکے جرم کے محرک مقصد کو اجاگر کر رہا ہے، ساتھ ہی ان طریقوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے جو قاتل نے اپنے مقاصد کے لئے اپنائے۔ ان کا ایک ہی مقصد تھا کہ اسلام کو ختم کر دیں اور اس مقصد کے لئے اُنہوں نے مغربی تہذیب کو اپنا ہتھیار بنا کراستعمال کیا۔
مسلمان کو خبر بھی نہ ہوئی اور یہ حملہ کارگر ہو گیا، بلکہ اس حملے کے ساتھ جب مسلم ممالک پر قبضے ہوئے تو ایک طرف تو مسلمان اس تسلّط کی مزاحمت کر رہے تھے اور مادی طور پر لڑ کر اپنے ممالک کو آزاد کرا رہے تھے لیکن ساتھ ہی انہی حملہ آوروں کی تہذیب کو اپنا رہے تھے، جبکہ حقیقت میں حملہ آوروں کا اصل مقصد ہی یہی تھا کہ مغربی تہذیب مسلمانوں میں عام ہو جائے۔ یہاں افسوسناک المیہ یہ تھا کہ ایک طرف تو مسلمانوں نے دشمن سے معرکہ آرائی کی لیکن دوسری طرف کھلے دل سے انہیں خوش آمدید کہا اور اُن کا لایا ہوا زہر اس وقت تک سیر ہو کر پیا جب تک کہ ایسے بیخود ہو کر گر نہ پڑے کہ بالکل بے جان۔ ایسا لگتا تھا کہ جیسے میدانِ جنگ میں یہ حملے کا شکار ہوئے ہوں، حقیقت میں یہ اپنی گمراہی اور بے خبری کا شکار تھے !
وہ حملہ اور کیا چاہتے تھے ؟ایک ایسا ملک بنانا جسکی بنیاد اسلام نہ ہو؟یا مسلم علاقوں پر کئی ممالک؟مغرب نے واقعتاً حاکم بننے کے بعد مسلمانوں کے کئی ممالک بنا دئے اور اپنی وہ مہم پوری کر دی جس کے تحت اسلام کو حکومت سے بے دخل کر دیا، مسلم علاقوں کو بانٹ دیا اور مسلمان علاقوں میں نکمّی اور کٹھ پتلی حکومتیں قائم کیں جو محض برائے نام ہیں۔ وقت بوقت مغرب نے مسلمانوں کے اور ممالک قائم کئے، اور اگر مسلمان اس کے مغربی تصورات اور اصولوں سے چمٹے رہیں تو مزید دینے پر اب بھی رضامند ہے۔
اس وقت مسئلہ یہ نہیں ہے کہ کئی ریاستیں بنیں، بلکہ یہ ہے کہ تمام مسلم علاقوں پر ایک ہی ریاست قائم ہو۔ کوئی ایسی ریاست نہیں جو خود کو اسلامی ریاست تو کہے مگر اس کے احکام ان احکام سے مختلف ہوں جو اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے جاری کئے ہیں، نہ ہی ایسی ریاست جو خود کو اسلامی ریاست کہے اور اسلامی احکام نافذ بھی کرے لیکن بغیر اُس اسلامی فکری قیادت کے جس کے مسلمان حامل ہیں۔ یہاں اہم نکتہ یہ ہے کہ محض نام نہاد اور برائے نام متعدد اسلامی ریاستیں نہیں بلکہ ایک اسلامی ریاست جو اسلامی طرزِ زندگی کا احیاء کرے، جسکی بنیاد اسلامی عقیدہ ہو، اسلام کا مکمل نفاذ کرے اور جب یہ لوگوں کے دل و دماغ کی گہرائیوں میں اتر جائے تو اسلام کی دعوت سارے عالم کے سامنے رکھے۔
اسلامی ریاست محض ایک خواب نہیں ہے اور نہ ہی یہ کوئی وہمی یا خیالی تصور، یہ تو تیرہ سو سال سے زیادہ عرصہ تک تاریخ پر اثرانداز اور غالب رہی۔ یہ ایک حقیقت ہے، ہمیشہ رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ اس کے وجود کے قوی عناصر ایسے بے وقعت نہیں ہیں کہ انہیں نظرانداز کیا جا سکے یا ان سے کوئی معرکہ آرا ہو سکے۔ اسے روشن فکرانسانوں نے اپنایا ہے اور امت کی خواہش ہے جو اسلام کے عروج و اقبال کی منتظر ہے۔ اسلامی ریاست محض ایک خواب ہی نہیں ہے جسکی صرف تعبیر کے لئے یہ ریاست بنے، بلکہ یہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کا امر ہے جو اس نے مسلمانوں پر فرض کیا ہے اور یہ حکم دیا ہے کہ اس فرض کی تکمیل کی جائے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے ان لوگوں کو عذاب کی خبرداری کی ہے جو اس فریضہ کی ادائے گی سے کترائیں۔
وہ کیسے اللہ ربّ العزّت کی خوشنودی حاصل کر پائیں گے اگر ان کے ممالک میں اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کا کلمہ بلند نہیں ہے اور نہ عزت، اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ، اس کے رسول(صلی اللہ علیہ و سلم) اور مومنوں کے لئے ہے ؟وہ کیسے اس کے عذاب سے بچ پائیں گے جب وہ ایسی اسلامی ریاست قائم نہیں کرتے جو جنگ کے لئے فوج تیّار کرے، اپنی سرحدوں کی حفاظت کرے، اللہ کے تعزیری قانون نافذ کرے، اس کے نازل کردہ احکام کو جاری و نافذ کرے ؟چنانچہ مسلمانوں کو ریاستِ اسلامی قائم کرنا ہی ہے کیونکہ اس کے بغیر اسلام کا وجود مؤثر نہیں ہو سکتا اور نہ ہی مسلمان اراضی دار السلام بن سکتی ہیں جب تک کہ اُن اراضی میں اللہ کے نازل کردہ احکام کے مطابق حکومت نہ ہو۔
اسلامی ریاست آسانی سے قائم ہونے والی نہیں ہے نہ ہی کوئی وزیر بن کر حکومت میں شامل ہو جانے کی بات ہے (افراد کے لئے بھی اور سیاسی پارٹیوں کے لئے بھی)۔ یہ راہ بڑی خاردار ہے، کئی خطرات ہیں، رکاوٹیں ہیں، سخت مشقّتیں ہیں۔ اس کے علاوہ غیر اسلامی تہذیبیں، عام سطحی سوچ اور مغرب پرست حکومتیں ہیں۔ یہ ساری مہیب اور دشوار گزار رکاوٹیں سامنے ہیں۔ جو لوگ اسلامی ریاست کے قائم کرنے کی دعوت کی راہ پرچلنیں، اُن کا مقصد مسلمان علاقوں میں اسلامی زندگی کا احیاء اور تمام عالم میں اسلام کی دعوت کو پہچانے کے لئے اقتدار پر قبضہ کرنے کا ہو گا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اقتدار کو کسی کے ساتھ بانٹ نہیں سکتے، چاہے اقتدار کتنا ہی دلفریب اور جاذب لگے۔ وہ مکمل مختاری بھی اُسوقت تک قبول نہیں کر سکتے اگر وہ اسلام کو مکمل، قطعاً، اساسی طور پر اور بلا تاخیر نافذ کرنے کی صلاحیت نہ رکھتے ہوں۔
آخر میں، اس کتاب سے مقصود یہ نہیں کہ اسلامی ریاست کی تاریخ بیان کی جائے بلکہ اس کے قیام کے لئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے طریقِ کار، اور اُسے ختم کرنے کے لئے کافر نوآبادیاتی استعمار کے سازشی حربوں پر روشنی ڈالنا ہے۔ اس عمل سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ اب مسلمانوں کوکس طرح اپنی ریاست کا احیاء کرنا ہے تاکہ وہ روشنی جس نے انسانیت کے تاریک ترین دور میں اقوام کی ہدایت کا سامان کیا وہی دوبارہ انسانیت کی ہدایت کے لئے روشن ہو۔

نقطۂ آغاز

جب اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اللہ کی طرف سے تمام انسانیت کے لئے اسلام کا پیغام لیکر آئے تو سب سے پہلے آپؐ نے اپنی زوجہ حضرت خدیجہ الکبریٰ(رضی اللہ تعالیٰ عنہا) کو دعوت دی اور وہ ایمان لائیں، پھر آپؐ نے اپنے چچازاد بھائی حضرت علیؓ کو اسلام کی دعوت دی اور وہ ایمان لائے، پھر اپنے غلام حضرت زیدؓ کو دعوت دی اور انہوں نے قبول کی، اس کے بعد آپؐ نے اپنے رفیق اور دوست حضرت ابو بکر الصدّیق ؓ کو دعوت دی جو انہوں نے بھی قبول کی۔ اس کے بعد آپؐ نے اور لوگوں کو اسلام کی طرف بلایا، بعض نے قبول کیا اور بعض نے انکار۔
جب حضرت ابو بکرؓ ایمان لائے تو انہوں نے اپنے ایمان لانے کی خبر اُن لوگوں کو دی جن پر اُنہیں اعتبار تھا۔ حضرت ابو بکرؓ کا اپنے لوگوں میں معتبر مقام تھا اور لوگ ان کا ساتھ پسند کرتے تھے اور اپنے معاملات میں اُن سے مشورے بھی کرتے تھے۔ ا ن کے ذریعہ حضرت عثمان ابن عفان، حضرت زبیر بن العوام، حضرت عبدالرحمٰن ابن عوف، حضرت سعد ابن ابی وقاص اور حضرت طلحہ ابن عبید للہؓ مشرف بہ اسلام ہوئے، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے، ایمان قبول کیا اور عبادات کیں۔ پھر حضرت عامر ابن الجراح(ابو عبیدہ)ؓ نے اسلام قبول کیا، پھر حضرت عبداللہ ابن عبد الأسد(ابو سلمہ)، الأرقم بن ابی ا الأارقم، عثمان ابن مظعون ؓ وغیرہ اسلام میں داخل ہوئے اور پھر لوگ داخل ہوتے رہے یہاں تک کہ مکہ میں ہر جگہ اسلام کے چرچے عام ہو گئے اور یہ قریش کے درمیان گفتگو کا موضوع بن گیا۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلّم دعوت کے اس ابتدائی دور میں لوگوں کے گھر جاتے اور انہیں بتاتے کے اُن کے لئے اللہ کے کیا احکام ہیں، وہی اللہ عبادات کے لائق ہے اور یہ کہ عبادت میں کسی اور کو شریک نہ کریں۔ پھر آپؐ نے اللہ کے اس حکم کی تعمیل میں کھلے طور پر اہلِ مکہ کو اللہ کے دین کی دعوت دی:
(یٰآیَھُّا الْمُدَّثِّرُ)
اے اوڑھنے لپیٹنے والے، ( ترجمہ معانی :سورۂ مدثر:آیت:۱)
اس وقت تک آپؐ لوگوں سے خفیہ طور سے ملتے تھے انہیں دین کی دعوت دیتے اور اسلام پر جمع کرتے تھے۔ آپؐ کے اصحاب کرامؓ مکّہ کے باہر پہاڑیوں میں چھپ کر نماز پڑھا کرتے تھے۔ جب کوئی شخص اسلام میں داخل ہوتا تو آپؐ اس شخص کو کسی اور صحابی کے پاس بھیج دیتے تاکہ وہ اپنے نئے ساتھی کو قرآن سکھائے۔ اسی طرح آپؐ نے حضرت خباب بن الارت کو مقرر کیا تھا وہ حضرت زینب بنت الخطاب ؓ اور ان کے شوہر حضرت ؓ سعیدکو قرآن سکھائیں۔ حضرت عمر صاسی حلقے میں اسلام میں داخل ہوئے، حضرت عمر ؓ کے وہاں پہنچنے سے آپ کی بہن اور بہنوئی کو بہت حیرت ہوئی تھی اور پھر حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے محسوس کیا کہ یہ طریقہ کافی نہیں ہے چنانچہ آپؐ نے حضرت ارقم ؓ کے گھر کواس نئی تعلیم کا مرکز بنایا۔ اسی جگہ سے مسلمانوں کو سکھایا جانے لگا، اسلام کی تعلیم دی جانے لگی اور قرآن کی سمجھتے ہوئے تلاوت کی ترغیب دی جانے لگی۔ جب کوئی حلقہ بگوش اسلام ہوتا تو اسے اسی دار الأرقم بھیج دیتے۔ تین سال تک یہی سلسلہ تین سال تک چلا، مسلمانوں کے حلقوں کو اسلام سکھانا، انہیں نمازیں پڑھانا، راتوں کو تہجّد پڑھانا، نماز اور تلاوت کے ذریعہ روحانیت کو تقویت دینا، انکے اندر اللہ کی آیات کی فکرِ کامل اور اللہ کی مخلوقات کا تدبر بیدار کرنا، ان میں قرآن کے الفاظ و معانی کا فہم پیدا کرنا، اُن کو اسلامی افکار میں ڈھالنا، مصیبت کے وقت صبر کی تربیت دینا، آپؐ نے تربیت دی کہ مصیبتوں میں صبر کرنا اللہ کی اطاعت ہے۔ یہی احوال اس وقت تک رہے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ کا حکم آیا:
(فَاصدَعْ بِمَا تُوئْ مَرْ وَ اَعْرِضْ عَنِ الْمُشْرِکِیْنَ)
پس تمہیں جس چیز کا حکم ملا ہے اسے واشگاف بیان کر دو اور مشرکین سے اعراض کرو۔
( ترجمہ معانی :سورۂ حجر:آیت:۹۴)

صحابۂ کرامؓ کی تربیت

اپنی دعوت کے ابتدائی دور میں آپؐ نے لوگوں کی عمر، حیثیت، جنس، اصل اور نسل سے قطع نظر ہر اس شخص کو دعوت دی جس میں آپؐ نے اسے قبول کرنے کی استعداد دیکھی۔ آپؐ لوگوں کو چن کر نہیں بلاتے تھے بلکہ ہر ایک کو دعوت دیتے اور اس شخص میں قبولیت کو بھانپ لیتے، اسی طرح کئی لوگ اسلام میں داخل ہوئے۔ آپؐ اِن لوگوں کی اسلامی تربیت بڑی فکر مندی سے کرتے اور اُنہیں قرآن کی تعلیم دیتے۔ پھر اِن صحابہ کا ایک حلقہ بنا دیتے تاکہ یہ خود دین کی دعوت آگے بڑھائیں۔ یہ تعداد چالیس کے قریب ہو گئی جس میں مرد بھی تھے اور عورتیں بھی، زیادہ تر نوجوان تھے، یہ لوگ غریب بھی تھے مالدار بھی، اِن میں کمزور بھی تھے اور قوی بھی۔ مومنین کی یہ جماعت جس نے اسلام کو قبول کیا اور دعوت کا کام کیا، ان افراد پر مشتمل تھی:
حضرت علی ابن ابی طالب(عمر۸ سال)، حضرت زبیر بن العوام(عمر ۸ سال)، حضرت طلحہ ابن عبید اللہ(۱۱ سال)، حضرت ارقم بن ابی الأرقم(عمر ۱۲سال)، حضرت عبداللہ ابن مسعود(عمر ۱۴ سال)، حضرت سعید ابن زید(بیس سال سے کم)، حضرت سعد ابن ابی وقاص(۱۷ سال)، حضرت سعود ابن ربیعہ(۱۷ سال)، حضرت جعفر ابن ابی طالب (۱۸ سال)، حضرت صہیب الرومی(بیس سال سے کم)، حضرت زید بن حارثہ(قریب بیس سال)، حضرت عثمان ابن عفان(قریب بیس سال)، حضرت طلیب بن عمیر(بیس سال کے قریب)، حضرت خباب بن الارت(قریب بیس سال)، حضرت عامر بن الفھیرۃ(قریب ۲۳ سال)، حضرت مصعب بن عمیر(۲۴ سال)، حضرت مقداد بن الأاسود (۲۴ سال) حضرت عبد اللہ بن جحش(۲۵ سال)، حضرت عمر بن الخطاب (۲۶ سال)حضرت ابو عبیدہ بن الجراح۲۷ سال)، حضرت عتبہ بن غزوان (۲۷ سال)، حضرت ابو حذیفہ بن عتبہ ( ۳۰ سال)، حضرت بلال بن رباح ( ۳۰ سال)، حضرت عیاش بن ربیعہ ( ۳۰ سال)، حضرت عامر بن ربیعہ (قریب ۳۰ سال)، حضرت نعیم ابن عبد اللہ( ۳۰ سال)، حضرت عثمان ابن مظعون بن حبیب( تیس سال)، ، حضر ت عبد اللہ ابن مظعون بن حبیب(۱۷ سال)، ، حضرت قدامہ ابن مظعون بن حبیب(۱۹ سال)، ، حضرت السائب ابن مظعون بن حبیب(۲۰ سال)، حضرت ابو سلمہ عبداللہ ابن الأسد المخزومی (قریب تیس سال)، حضرت عبد الرحمٰن ابن عوف( ۳۰ سال)، حضرت عمار بن یاسر(۳۰ تا ۴۰ سال)، حضرت ابو بکر الصدیق(۳۷ سال) حضرت حمزہ بن عبد المطلب(۴۲ سال)، حضرت عبیدہ بن الحارث (۵۰ سال) اِن کے ساتھ عورتیں بھی کئی تھیں جنہوں نے اسلام کی پکار پر لبیک کہا۔ رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین۔
تین سال کی اس محنت سے صحابۂ کرام کی یہ جماعت تیار ہوئی جس کا ہر فرد اپنی فکر و عمل کے لحاظ سے مکمل اسلامی شخصیت کا حامل تھا، ان میں سے ہر ایک فرد کے تصورات اسلامی تھے، وہ اپنی فکر و عمل کے لحاظ سے ایمان کے بلند ترین مقامات پر فائز تھے۔ اب آپؐ کی فکر مندی کم ہوئی اور اطمینان ہوا کہ یہ جماعت اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کا حکم آتے ہی قریش کے سامنے اپنے دین کی دعوت لے کر کھڑی ہو جائے گی۔

دعوت کی شروعات

آپؐ کی بعثت کے شروع سے اسلامی دعوت کی بات ظاہر و واضح تھی، مکّے کے لوگ جانتے تھے کہ محمدؐ ایک نئے دین کی طرف دعوت دے رہے ہیں اور کئی لوگ آپؐ کے ساتھ بھی ہو گئے ہیں۔ اہلِ مکہ یہ بھی جانتے تھے کے آپؐ پنے ساتھیوں کی تربیت کر رہے ہیں اور یہ بات بھی عام تھی کہ صحابۂ کرام مختلف حلقوں میں بنٹ کر دین رہے ہیں اور اپنے اسلام قبول کرنے کی بات قریش پر ظاہر نہیں کر رہے ہیں۔ اہلِ مکہ اس بات سے بے خبر تھے کہ اس دعوت کو کس کس نے قبول کیا ہے اور نہ وہ یہ جانتے تھے کہ یہ لوگ کہاں جمع ہو کر دین سیکھتے ہیں۔ اس لئے جب آپؐ نے باقاعدہ دین کا اعلان کیا تو یہ لوگوں کے لئے کوئی نئی بات نہ تھی، وہ تو سمجھ ہی رہے تھے، اُن کے لئے نئی بات تو اس مسلم جماعت کے افراد کی شناخت تھی جو اب تک اُن سے پوشیدہ تھی۔ حضرت حمزہ بن عبدالمطلبؓ اور ان کے تین دن بعد حضرت عمر بن الخطاب ؓ کے اسلام لانے سے مسلمانوں کو بہت مدد ملی اور اب اللہ تعالیٰ کا حکم نازل ہوا:
(فَاصدَعْ بِمَا تُوئْ مَرْ وَ اَعْرِضْ عَنِ الْمُشْرِکِیْنَ اِنَّا کَفَیْنٰکَ الْمُسْتَھْزِئِ یْنَ خلا الَّذِیْنَ یَجْعَلُوْنَ مَعَ اللّٰہِ اِلٰھاً اٰخَرَ ج فَسَوْفَ یَعْلَمُوْنَ)
پس تمہیں جس چیز کا حکم ملا ہے اسے واشگاف بیان کر دو اور مشرکین سے اعراض کرو۔ مذاق اڑانے والوں کے لئے ہم تمہاری طرف سے کافی ہیں، جو اللہ کے ساتھ دوسرے معبود ٹھہراتے ہیں پس عنقریب اُنہیں معلوم ہو جائے گا۔
( ترجمہ معانی :سورۂ حجر:آیت:۹۴)
اب اللہ کے حکم کے مطابق آپؐ نے اس جماعت کو لوگوں پر آشکارا کر دیا، صرف چند لوگ رہ گئے تھے جن کا قبول اسلام ظاہر نہیں ہوا تھا اور فتح مکہ تک صیغۂ راز میں رہا، بہرحال اس جماعت کو آپؐ نے دو صفوں میں منظم کیا ایک کے آگے حضرت عمر بن الخطاب ؓ اور دوسری صف کے آگے حضرت حمزہ تھے۔ قریش نے کبھی ایسی صف بندی اور نظم دیکھا نہ تھا اور یہ اُن کے لئے ایک عجوبہ تھا۔ آپؐ ان سابقوں الأولون کو لے کر کعبۃ اللہ تشریف لائے اور سب نے کعبہ کا طواف کیا۔ یہ وہ موڑ تھا جب اسلام کھل کر سامنے آیا اور پہلا مخفی دور ختم ہوا جس میں دعوت صرف اُن لوگوں کو دی جاتی تھی جن سے پہچان تھی اور میں قبولیت کی استعدادپائی گئی تھی۔ اب وہ دور شروع ہوا جہاں لوگوں سے عام خطاب کیا گیا۔ اس طرح معاشرے میں ایمان اور کفر کے مابین ٹکراؤ شروع ہوا۔ صحیح اسلامی افکار اور فاسدکفریہ تصورات کے بین مقابلہ آرائی ہوئی۔ یہاں سے جو دوسرا دور شروع ہوا اس میں ایک طرف تو دونوں افکار کے حاملین کے درمیان تفاعل ہوا اور دوسری طرف کشمکش۔
اس دور میں مشرکین قریش نے دعوت کی مزاحمت بھی کی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابۂ رسول کی ایذا رسانی بھی۔ مختلف طریقوں سے آپؐ کو اور آپؐ کے صحابۂ کرامؓ کو اذیتیں دی جاتی تھیں، آپؐ کے گھر پر پتھراؤ بھی ہوا، ابو لہب کی بیوی ام جمیل آپؐ کے گھر کے سامنے کچرا اور گندگی پھینک دیتی، آپؐ نے ان سب کو نظر انداز کیا۔ ابو جہل نے ایک دفعہ اپنے بتوں پر قربان کی گئی بھیڑ کی آنتیں آپؐ پر ڈال دیں، آپؐ چپ چاپ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے گھر گئے اور خود کو اس نجاست سے پاک کیا۔ اس سے آپؐ مایوس ہونے کے بجائے اپنے ارادے اور دعوت میں اور مضبوط ہی ہوتے تھے۔ قریش کا ہر قبیلہ مسلمانوں کو دھمکاتا اور ایذائیں دیتا تاکہ اس قبیلے میں جو کوئی اسلام کی دعوت کو مان چکا ہو وہ اُس سے پھر جائے۔ ایک قبیلے نے دیکھا کہ اس کا ایک حبشی غلام سیدنابلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ مسلمان ہو گئے ہیں تو انہیں جلتے سورج کے نیچے ڈال دیا اور ان کے سینے پر پتھر رکھ کر مرنے کے لئے چھوڑ دیا۔ سیدنا بلال اس حالت میں بھی صرف ’’احد احد‘‘ کہا کرتے اور اللہ کی خاطر ہر تکلیف برداشت کرتے تھے۔ ایک مسلم خاتون کو اتنی اذیتیں دیں کہ وہ تاب نہ لا سکیں اور ختم ہو گئیں لیکن اسلام کا دامن چھوڑ کر اپنے باپ دادا کے دین کو نہ اپنایا۔
مسلمانوں نے ہر قسم کی مصیبتیں، اذیتیں، ذلتیں اور محرومیاں برداشت کیں، صرف اس مقصد سے کہ اپنے رب کی خوشنودی حاصل کر لیں۔

دعوتِ اسلامی کی مخالفت

جب حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم دینِ اسلام کی دعوت کے ساتھ مبعوث ہوئے تو لوگوں میں آپؐ اور اس دعوت کا عام چرچا ہونے لگا۔ لیکن قریش نے اس صورتِ حال کو یہ سوچ کر نظرانداز کیا کہ عام دانشوروں کی گفتگو کی طرح یہ دعوت بھی اپنا اثر خود کھو دے گی اور لوگ دوبارہ اپنے آبائی دین کی طرف لوٹ آئیں گے۔ اسی وجہ سے وہ ایک مدت تک اس دعوت کو نظرانداز کرتے رہے بلکہ جب آپؐ قریش کی مجالس کے قریب سے گزرتے تو یہ لوگ کہتے ’’ وہ دیکھو وہ عبد المطلب کا بیٹا جا رہا ہے جو آسمانی باتیں کرتا ہے ‘‘۔ لیکن ایک تھوڑی سی مدّت گزرنے کے بعد جب قریش نے اس دعوت میں اپنے لئے خطرہ محسوس کیا تو پھر مخالفت کی ٹھان لی۔ ابتداء میں یہ مخالفت رسالت کے دعوے پر تضحیک اور تذلیل تک محدود رہی، پھر انہوں نے آپؐ کو چیلینج کیا کہ اگر آپؐ سچّے ہیں تو اپنے دعوے کی تصدیق کے لئے کوئی معجزہ دکھائیں۔ یہ بھی کہتے کہ اِنہیں کیا ہوا ہے یہ صفاء اور مروہ کی پہاڑیوں کو سونے میں کیوں تبدیل نہیں کر دیتے ؟جس کتاب کی یہ بات کرتے ہیں وہ کیوں لکھی ہوئی ہوئی شکل میں آسمان سے نہیں اترتی؟کیوں یہ جبریل جن کی باتیں یہ کیا کرتے ہیں، ہمیں نظر کیوں نہیں آتے ؟یہ کیوں مردوں کو زندہ نہیں کرتے ؟مکّے کے اطراف جو پہاڑ ہیں اُنہیں یہ کیوں نہیں ہٹا دیتے ؟یہ جانتے ہیں کہ ہم لوگوں کو پانی کی کتنی قلت رہتی ہے پھر کیوں زمزم سے میٹھے پانی کا ذریعہ نہیں نکالتے ؟انہیں کیوں اشیاء کی وہ قیمتیں وحی کے ذریعہ بتائی جاتیں جو مستقبل میں ہوں گی تا کہ ہم ابھی سے معلوم ہونے کی وجہ سے اُن قیمتوں سے کوئی فائدہ حاصل کر لیں ؟اس طرح قریش آپؐ کی اور اسلام کی دعوت کا مذاق اُڑایا کرتے، کبھی ہتک آمیز باتوں سے، کبھی توہین سے اور کبھی طنز سے لیکن آپؐ اپنے مقصد سے ذرا بھی نہیں ڈگمگائے اور لوگوں کو اپنی دعوت دینے پر استقامت سے ڈٹے رہے۔ آپؐ ان بتوں کی عبادت کرنے والوں کو عقل کی دعوت دیتے اور سمجھاتے کہ کس قدر سطح الذہنی کی علامت ہے کہ ان بتوں کی عبادت کی جائے اور اِن سے امیدیں باندھی جائیں۔ اب یہ قریش کی قوتِ برداشت سے باہر ہو رہا تھا، اُنہوں نے ہر قسم کے وسیلے اپنائے جو اُنہیں مہیا تھے کہ آپؐ کو اس دعوت سے باز رکھ پائیں لیکن بے سود۔ قریش نے دعوت کی اس مخالفت میں جن وسائل کو استعمال کیا وہ ہیں : ۱)تعذیب، ۲)اندرونی طور پر اور بیرونی طور پر دعوت کے خلاف پرپیگنڈہ اور ۳) مقاطعہ۔
جہاں تک تعذیب کی بات ہے تو آپؐ کو باوجود انکے اپنے قبیلے کی اور اپنے اصحاب کی حمایت کے، تعذیب جھیلنا پڑی۔ آل یاسر کو صرف اسلئے یہ تعذیب جھیلنا پڑی تاکہ وہ اپنے آبائی دین کی طرف لوٹ آئیں۔ لیکن ان مصائب نے ان کے ایمان اور ثابت قدمی میں ہی اضافہ کیا۔ ایک بار جب آپؐ آل یاسر کے محلے سے گزرے تو انہیں اسی طرح عذاب دیا جا رہا تھا، آپؐ نے اُن سے فرمایا:
((صَبرَاً آل یَاسر فَإنَّ مَوعِدُکُم الجَنَّۃ إنِّي لاَ أملِکٌ لَکُم مِنَ اللہِ شَئیاً))
اے آل یاسر صبر کرو تمہارا بدلہ جنت ہے اور تمہارا مقدر اللہ کے پاس ہے۔
اس پر حضرت سمیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا:
(إنِّي أرَاھَا ظاھِرَۃ یَا رَسُول اللہ)
اے اللہ کے رسول(صلی اللہ علیہ و سلم) میں (جنت )دیکھ رہی ہوں۔
اس طرح قریش آپؐ اور صحابۂ کرام کی تعذیب کرتے رہے جب تک کہ انہیں یہ احساس نہ ہو گیا کہ اب محض جسمانی ایذائیں کافی نہیں ہیں اور اس دعوت کو روکنے کے لئے اور کسی حربے کا سہارا لینا پڑے گا۔ اب قریش نے باقاعدہ پروپگنڈے شروع کئے جس میں آپؐ کی دعوت اور خود آپؐ کی ذات کو توہین کا نشانہ بنایا گیا، یہ نشر و اشاعت باضابطہ طور پر کی گئی داخلی طور پر تو مکّے میں اور خارجی طور پر حبشہ میں۔ اس میں بحث و مباحثے، تضحیکِ دعوت اور الزام تراشی جیسے حربے شامل تھے۔ الزام تراشی اسلامی عقیدے پر بھی کی گئی اور آپؐ کی ذاتِ مبارک پر بھی، اور اس میں جھوٹ کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ مختلف طریقوں سے دعوتِ اسلامی اور آپؐ کو غیر معتبر ظاہر کرنے کی سازشیں ہوئیں۔ سوچے سمجھے طریقے سے یہ الزام تراشی خاص طور سے حج کے موسم میں کی جاتی، بڑی باریکی سے آپس میں ولید ابن مغیرہ کے ساتھ گفتگو کر کے ایسے طریقے نکالے جاتے کہ یہ الزام تراشی زیادہ سے زیادہ مؤثر ہو، بڑے سوچ وچار سے ایسی باتیں گھڑی جاتیں جو حج کے دوران عربوں سے کہی جائیں تاکہ حج کے دوران باہر سے مکّے آئے عرب اس دعوت سے مرعوب نہ ہو اور بد ظن ہو جائیں۔ کسی کا مشورہ ہوتا کہ محمدؐ کو کاہن بتایا جائے تو ولید ابنِ مغیرہ کہتا کہ صحیح نہیں ہے اسلئے کہ محمدؐ نہ تو کاہنوں کی طرح بڑبڑاتے ہیں اور نہ اُنکی بات کاہنوں کی طرح ہے اسلئے یہ مشورہ ولید رد کر دیتا، کوئی کہتا کہ محمدؐ کو (نعوذ باللہ) دیوانہ یا جنوں کے اثر میں بتایا جائے، ولید اس کو بھی رد کر دیتا کہ محمدؐ کی کوئی بات ایسی ظاہر نہیں ہوتی جس سے یہ تہمت موزوں گردانی جائے، کچھ اور یہ مشورہ دیتے کہ آپؐ پر جادوگر ہونے کی تہمت لگائی جائے، تو ولید اسے بھی رد کرتا کیونکہ آپؐ کے کلام میں یا اُن کے عمل میں ایسی کوئی بات نہیں جسے لوگ جادو ماننے کو تیار ہوں۔
اس طرح کے کی لمبی چوڑی بحثوں کے بعد طے پایا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلّم کو لفظوں کے جادوگر(ساحر البیان) بتایا جائے، پھر یہ لوگ منتشر ہوئے اور عربوں کے درمیان یہ بات کہی کہ محمدؐ کی بات نہ سنو کیونکہ اُنکے کلام میں جادو ہے، وہ اپنی باتوں سے لوگوں میں تفرقہ ڈال کر بھائی کو بھائی سے، ماں باپ سے بیوی اور بہن سے جدا کر دیتے ہیں اور جو کوئی اُنکی بات سنے گا تو وہ اُن کے اثر میں آ کر اپنے اہل سے علیحدہ ہو جائے گا۔ بہرحال اس قسم کے اتہامات اور ایسی سازشیں بھی اسلام کی دعوت کو لوگوں تک پہنچنے سے نہ روک سکیں۔ اب قریش نے نضر بن الحارث کو یہ ذمہ داری سونپی کہ وہ آپؐ کے خلاف اس پروپگنڈے کا مورچہ سنبھالے، نضر کا طریقِ کار یہ ہوتا کہ جب کبھی آپؐ کسی مجلس کو مخاطب کرتے اور پچھلی قوموں پر ہوئے اللہ کے عذاب کی بات بتاتے، تو وہ تاک میں رہتا اور جیسے ہی آپؐ کی بات ختم ہوتی اور آپؐ روانہ ہوتے تو وہ اُنہیں لوگوں کو مخاطب کرتا اور فارسیوں کے پچھلے قصّے اور اُنکے مذہب کے بارے میں کہانیاں سنانے لگتا اور کہتا کہ میرے سنائے ہوئے قصّے محمدؐ کے قصوں سے بہتر ہیں وہ بھی تو پرانے قصے سناتے ہیں۔ اس طرح قریش نے کئی افواہیں آپؐ کے بارے میں مشہور کیں کہ جو کچھ آپؐ کہتے ہیں وہ اللہ کی طرف سے نازل ہوا ہے، وہ دراصل اُنہیں جَر نام کا ایک عیسائی بتاتا ہے۔ یہ افواہیں ایک عرصے تک عربوں میں آپؐ کے بارے کافی عام ہوئیں یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی:
(وَلَقَدْ نَعْلَم اَنَّھُمْ یَقُوْلوْنَ اِنَّمَا یَعَلِّمُہ، بَشَرٌ ط لِسَان الَّذِیْ یُلْحِدُوْنَ اِلَیْہِ اَعْجَمِیٌّ وَّ ھٰذَا لِسَانٌ عَرَبِیٌّ مُّبِیْنٌ)
ہمیں معلوم ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ ’’اسے تو بس ایک آدمی سکھاتا پڑھاتا ہے ‘‘۔ حالانکہ جس کی طرف وہ اشارہ کرتے ہیں اس کی زبان عجمی ہے ، اور یہ صاف فصیح عربی زبان ہے۔
(ترجمہ معانی : سورۂ النحل:آیت:۱۰۳)
اس طرح کی مخالفت تو مکے کے اندر ہوتی رہی لیکن اہل قریش نے اس پر اکتفاء نہ کیا بلکہ جب اُنہیں پتہ چلا کہ بعض مسلمان حبشہ کی طرف ہجرت کر گئے ہیں تو قریش نے وہاں بھی اُنہیں چین سے نہ بیٹھنے دینے کی پوری تدبیریں کیں۔ قریش کے دو سفیر حبشہ کے بادشاہ نجاشی کے پاس اسلام کے خلاف پروپگنڈے کے لئے بھیجے گئے تاکہ نجاشی مسلمانوں کو اپنے ملک سے نکال دے۔ یہ دونوں سفیر عمرو بن العاص اور عبداللہ بن ربیعہ تحائف لے کر نجاشی لے پاس گئے تاکہ وہ اِن تحائف سے خوش ہو اور مسلمانوں کو وہاں نہ رہنے دے۔ ان سفیروں نے نجاشی سے کہا:’’اے شاہِ حبشہ!ہمارے کچھ دیوانے لوگ آپ کے ملک آ گئے ہیں وہ ہمارے دین سے پھر گئے ہیں اور آپ کے دین میں شامل نہیں ہوئے ہیں، اُنہیں اپنا ایک دین گھڑ لیا ہے جس کے بارے میں نہ ہم کچھ جانتے ہیں اور آپ کے لئے بھی وہ کوئی نیا دین ہے۔ ہمیں ہماری قوم کے شریفوں نے اور اُن کے باپ، چچا، اور اہلِ خانہ نہ ہمیں آپ کے پاس بھیجا ہے تاکہ ہم اُنہیں لے جا کر اُن کے اہل تک لوٹا دیں ‘‘۔ نجاشی نے مسلمانوں کو طلب کیا کہ خود اُن سے معاملے کے بارے میں دریافت کرے، اُن سے پوچھا:’’یہ کیا دین ہے جس نے تم کو اپنی قوم سے علیحدہ کر دیا ہے اور نہ ہی تم اِن دینوں میں سے کسی دین پر ہو؟حضرت جعفر ابنِ ابی طالب نے جواب دیا اور بتایا کے پہلے یعنی دورِ جاہلیت میں وہ کیسے تھے، اُن میں کیا کیا بری صفات تھیں، پھر نجاشی کو بتایا کہ اسلام کیا ہدایات لے کر آیا اور مسلمانوں کو کیسا بنا دیا، پھر قریش کی ایذا رسانیوں کا ذکر کیا، اُن کے قہر اور ظلم کے بارے میں بتایا جو قریش نے مسلمانوں کو اُن کے دین ہدایت سے دور کرنے کے لئے کئے۔ حضرت جعفر نے پھر فرمایا کے اس کے بعد ہم اپنا وطن چھوڑ کر آپ کے ملک کو پسند کیا کہ آپ کے ملک میں ہم چین سے رہ سکیں گے اور امید ظاہر کی کہ یہاں آپ کے پاس یہ لوگ ہم پر ظلم نہ کریں۔ نجاشی نے حضرت جعفر ؓ سے کہا ’’ کیا تمہارے پاس وہ آیات ہیں جو تمہارے رسولؐ پر نازل ہوئی ہیں، وہ پڑھ کر سناؤ‘‘۔ حضرت جعفر ؓ نے فرمایا ’’ہاں ‘‘ اور پھر سورۂ مریم پہلی آیت سے تلاوت شروع کی اور اللہ تعالیٰ کے اس قول تک پہنچے :
(فَاَشَارَتْ اِلَیْہِ ط قف قَالُوْا کَیْفَ نُکَلِّم مِنْ کَانَ فِی الْمَھْدِ صَبِیّاً)
تب اس نے اس کی طرف اشارہ کیا، وہ کہنے لگے، ’’ہم اس سے کیسے بات کریں جو گہوارے کا ایک بچہ ہے ؟
(ترجمہ معانی : سورۂ مریم:آیت:۲۹)
عیسائی پادریوں نے سورۂ مریم کی یہ آیات سن کر نجاشی سے کہا ’’یہ کلام اور عیسیٰ مسیح جو کلام لائے تھے یہ دونوں ایک ہی مصدر سے ہیں ‘‘۔ نجاشی نے اعلان کیا:’’یہ دونوں کلام ایک مشکوٰۃ کے ہیں ‘‘ یہ کہہ نجاشی قریش کے سفیروں سے مخاطب ہوئے، ’’تم لوگ واپس جاؤ بخدا میں اُنہیں تمہارے حوالے نہیں کروں گا‘‘۔ دونوں سفیر دربار سے نکلتے ہوئے اپنے اگلے قدم کے بارے میں سوچتے رہے اور دوسرے دن عمر بن العاص پھر نجاشی کے پاس پہنچے اور اُن کو ورغلایا کہ یہ مسلمان حضرت عیسیٰ ابنِ مریم علیہ السلام کے بارے میں نہایت غضبناک اور مکروہ باتیں کرتے ہیں، چنانچہ نجاشی نے پھر مسلمانوں کو طلب کر کے اُن سے وضاحت چاہی، حضرت جعفر ابن ابی طالبؓ نے جواب دیا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں ہم وہی کہتے ہیں جو ہمارے نبی پر وحی ہوا ہے وہ یہ کہ عیسیٰؑ اللہ کے بندے، اس کے رسول ہیں، وہ اس کی روح اور کلام ہیں جو اللہ نے حضرت مریم علیہا السلام پر نازل فرمایا جو بے داغ اور پارسا تھیں۔ اس جواب سے نجاشی متاثر ہوئے، انہوں نے ایک چھڑی اُٹھا کر فرش پر ایک لکیر کھینچی اور حضرت جعفرؓ سے فرمایا کہ ہمارے اور تمہارے دین میں اس لکیر سے زیادہ فرق نہیں ہے۔ اس طرح قریش کے سفیروں کو مایوس اور خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔
اس طرح جب قریشِ مکہ کے اس ہتھیار سے بھی خلافِ توقع خاطر خواہ نتائج نہیں نکلے اور حضورؐ کی دعوت کی تجلی قریش کے تمام جھوٹ، اُنکے پروپگنڈے اور افواہوں پر حاوی ہوتی گئی تو مشرکین نے اپنے ترکش سے ایک نیا تیر نکالا اور یہ تھا تمام اہلِ مکہ کا بنوہاشم اور بنی عبد المطلب کے لوگوں اور باقی مسلمانوں کا مقاطعہ کر کے اُنہیں محاصرے میں لینے کا ہتھیار۔ قریش نے ایک کاغذ تیار کیا جس میں یہ معاہدہ باقاعدہ لکھا گیا اور جس کی رو سے تمام بنو ہاشم اور بنی عبد المطلب کے لوگوں کو وادیِ ابی طالب میں محصور کر دینا، ان سے قسم کی خرید اور فروخت کا نہ کیا جانا، اُنکی عورتوں سے شادیاں نہ کرنا اور نہ اپنی عورتوں کی شادی اُن میں کرنا۔ اس معاہدے کو لکھ کر کعبے کی دیوار پر لگا دیا گیا تاکہ ہر ایک اس کی پابندی کرے۔ انہیں اس مقاطعہ سے یہ توقع تھی کہ یہ دوسرے طریقوں سے زیادہ موثر ثابت ہو گا۔ اُن کا اندازہ یہ تھا کہ بنو ہاشم محمدؐ کا ساتھ چھوڑ دیں گے اور مسلمان اپنے دین کو، اس طرح حضور صلی اللہ علیہ و سلّم تنہا رہ جائیں گے اور ایسی حالت میں یا تو وہ خود ہی اپنی یہ دعوت ترک کر دیں گے یا اُنکی دعوت بے اثر ہو جائے گی جس سے قریش اور اُنکے دین کے لئے کوئی خطرہ نہیں رہ جائے گا۔ لیکن معاملہ یہ ہوا کہ آپؐ اور مسلمان اپنے دین پر اور مضبوطی سے قائم رہے اور اس کی دعوت کے لئے اُنکے ارادے قوی تر۔ اس محاصرے کی خبریں مکے کے باہر عرب کے دوسرے قبائل کو بھی ہوتی رہیں اور اس سے دین کی خبر بھی پھیلتی گئی، اب جزیرہ نمائے عرب کے ہر علاقے میں اسلام کا ذکر تھا۔ لیکن مسلمان بہرحال اس محاصرے کے تین سال کے دوران سخت عسرتوں اور فاقوں کا شکار رہے۔ یہ مسلمان محاصرے کی وجہ سے وادی سے نکل کر لوگوں سے مل بھی نہیں سکتے تھے، سوائے موسم حج میں جب آپؐ نکل کر جاتے اور مکے کے باہر سے آئے عرب قبائل کو اسلام کا پیغام سناتے، عرب قبائل مسلمانوں کی حال کی وجہ سے اُن سے متاثر بھی تھے، آپؐ اُنہیں اللہ تعالیٰ کے انعام کی بشارتیں دیتے اور اس کے عذاب سے ڈراتے۔ اس طرح بعض لوگ مشرف بإسلام ہوئے اور بعض لوگ مسلمانوں کے لئے غذاء اور پانی بھی مہیا کراتے۔ ایسے ہی ایک شخص ہشام ابن عمرو تھے جو ایک اونٹ پر غذاء اور پانی باندھ کر اُس وادی کے دہانے تک رات کے اندھیرے میں لے جاتے اور وہاں اسے وادی کی طرف رخ کر پیچھے سے دھکا دیتے جس سے وہ اونٹ وادی میں داخل ہو جاتا اور مسلمان اُن غذاؤں کا استعمال کرتے اور پھر جب وہ ختم ہو جاتیں تو اسی اونٹ کو ذبح کر لیتے۔ اسی طرح مصائب اور آزمائش لئے یہ تین سال گزرے اور پھر اللہ تعالیٰ کی مدد آئی۔ قریش کے پانچ نوجوان یعنی زہیر ابن ابی امیہ، ہشام ابن عمرو، المطعم بن عدي، ابو البختری ابن ہشام اور زمعہ بن الأسود جمع ہوئے اور اس محاصرے و مقاطعہ پر گفتگو کی، اس پر اپنے غصے اور ناراضگی کا اظہار کیا اور یہ طے کیا کہ وہ اس محاصرے کے معاہدے کو ہی پھاڑ دیں گے۔ اگلے دن یہ لوگ کعبہ پہنچے، اس کے اطراف طواف کیا اور پھر زہیر ابن ابی امیہ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ ہم کھانا کھاتے ہیں اور ہمیں لباس میسّر ہے جبکہ بنو ہاشم وہاں ہلاک ہو رہے ہیں ان سے نہ تو کوئی خرید ہی کر سکتا ہے نہ وہ کچھ خرید سکتے، اور اپنا ارادہ ظاہر کیا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہ بیٹھیں گے جب تک یہ محاصرہ ختم نہ ہو جائے اور وہ اُس کاغذ کو پھاڑ نہ ڈالیں۔ اس پر ابو جہل، جو اس وقت وہیں تھا چلّایا کہ یہ شخص جھوٹ بولتا ہے اور یہ کہ محاصرہ ختم نہیں ہو گا۔ باقی کے چار ساتھی جو لوگوں میں منتشر ہو گئے تھے، اپنی اپنی جگہ سے بول پڑے یہ سب غلط ہے اور اُنہوں نے زہیر ابن ابی امیہ کی تائید کی۔ اس طرح ابو جہل نے یہ اندازہ لگایا کہ یہ لوگ پہلے ہی سب طے کر کے آئے ہیں اور اس نے وہاں سے چپ چاپ نکل جانے میں ہی اپنی خیریت سمجھی۔ اب المطعم آگے بڑھے کے اُس کاغذ پر لکھے معاہدے کو اتار کر پھاڑ دیں تو پتہ چلا کہ پہلے ہی دیمک اس کاغذ کو کھا گئی ہے سوائے اس حصے کے جس پر اللہ کا نام (باسمک اللھم) لکھا تھا۔ اس طرح آپؐ اور مسلمان دوبارہ مکے آئے اور یہ محاصرہ و مقاطعہ ختم ہوا۔ آپؐ اس واپسی کے بعد پھر دعوت میں لگ گئے تاکہ اللہ کے ماننے والے بڑھتے جائیں اور اس طرح قریش کے تمام وسائل اُن کے تین ہتھیاروں یعنی ایذا ء رسانی، جھوٹے پروپگنڈے اور آخر میں یہ مقاطعہ پر صرف ہوئے جن سے نہ وہ مسلمانوں کو اسلام سے ہٹا سکے اور نہ ہی حضورؐ کو اسلام کی دعوت سے باز رکھ سکے باوجود یکہ آپؐ اور صحابۂ کرامؓ نے نہایت صبر آزما حالات اور مصائب میں اب تک طویل عرصہ گزارا تھا۔

تفاعلِ دعوت

اسلام کی دعوت سے قریش کا ٹکراؤ ایک فطری چیز تھی کیونکہ آپؐ نے اپنی دعوت اور صحابۂ کرام ؓ کو نہایت واضح، صریح اور ایک چیلینج کے طور پر قریش کے سامنے رکھا تھا۔ پھر یہ دعوت بذاتِ خود اپنے آپ میں قریش کے لئے ایک چیلینج ہی تھی کیونکہ یہ دعوت ایک اللہ کی طرف بلاتی تھی اور ایک ہی اللہ کی عبادت کا کہتی تھی، باقی تمام بتوں اور اصنام کی عبادت سے روکتی تھی اور جس فاسد نظام میں مکے کا معاشرہ تھا اس سے ہٹانے کی بات کہتی تھی تو یہ کھلا ہوا ٹکراؤ ہی تھا۔ آپؐ واضح طور پر اُن کے بتوں کی تحقیر کرتے، اور جو امیدیں مشرکین نے اُن بتوں سے باندھ رکھی تھیں، انکی کھلی اہانت بھی کرتے تھے، اُنکے طریقۂ زندگی کی برائی بھی گنواتے اور ان کے ظالمانہ رواجوں اور عادات پر بھی چوٹ کرتے تھے۔ قرآن کی آیت نازل ہوتی تو صراحتاً اُنہیں سناتے :
(اِنَّکُمْ وَمَا تَعْبُدُوْنَ مِّنْ دُوْن اللّٰہِ حَصَب جَھَنَّمَ ط اَنْتُمْ لَھَا وَارِدُوْنَ)
یقیناً تم اور وہ جن کو تم اللہ کو چھوڑ کر پوجتے ہو، سب جہنم کا ایندھن ہو، تم اس کے گھاٹ اترو گے۔
(ترجمہ معانی : سورۂ الانبیاء:آیت:۹۸)
پھر آپؐ نے سودپر وار کیا جس پر یہ مشرکین منحصر تھے، اور قرآن کی یہ آیت سناتے :
(وَمَآ اٰتَیْتُمْ مِّنَ رِّباً لِّیَرْبُوَا فِیْٓ اَمْوَالِ النَّاسِ فَلَا یَرْبُوْا عِنْدَاللّٰہِ ج وَمَآ اٰتَیْتُمْ مِّنْ زَکٰوۃٍ تُرِیْدُوْنَ وَجْہَ اللّٰہِ فَاُلٰئِکَ ھُم الْمُضْعِفُوْنَ)
جو کچھ تم سود پر دیتے ہو، تاکہ وہ لوگوں کے اندر پروان چڑھے، تو وہ اللہ کے نزدیک نہیں بڑھتا، لیکن جو زکوٰۃ تم نے اللہ کی خوشنودی چاہتے ہوئے دی، تو ایسے ہی لوگ اپنا مال بڑھاتے ہیں۔
(ترجمہ معانی : سورۂ الروم:آیت:۳۹)
جو لوگ لین دین اور ناپ تول میں کمی کرتے تھے اُن کو آپؐ نے اللہ کا خوف دلایا:
(وَیلٌ لِّلمُطَفِّفِینَ ألَّذِینَ إذَا أکتَالُوا عَلَی النَّاسِ یَستَوفُونَ وَ إذَا کَالُوا ھُم أو وَزَنُوھُم یُخسِرُونَ)
تباہی ہے گھٹانے والوں کیلئے۔ جو ناپ کر جب لوگوں پر نظر جمائے ہوئے لیتے ہیں تو پورا لیتے ہیں مگر جب اُنہیں ناپ کر یا تول کر دیتے ہیں، تو گھٹا دیتے ہیں۔ (ترجمہ معانی : سورۂ التطفیف:آیت:۲، ۱)
اسلئے قریش نے آپؐ اور صحابۂ کرامؓ کا مقابلہ کیا اور اس ضمن میں قریش نے آپؐ کی ذات، صحابۂ کرامؓ اور دعوتِ اسلامی کے مقابلے میں کبھی ایذا رسانی اور کبھی پروپگنڈے اور افواہوں کا جال بچھایا اور جو اب آپؐ نے قریش کے فاسد عقائد اور غلط افکار کے خلاف اپنی مہم جاری رکھی تاکہ اِن افکار کے مقابلے میں اسلامی افکار پھیلتے رہیں۔ آپؐ اسلام کی دعوت مکمل صریح طریقے سے دیتے، ، نہ کسی موضوع پر اسلام کی رائے سے کچھ چھپاتے، نہ کسی موضوع کو ٹالتے، نہ کسی اسلامی حکم کو ہلکا کر کے بتاتے، نہ کسی اسلامی رائے کو کند کر کے بتاتے اور نہ کسی کی مداہنت چاپلوسی یا تعریف کو اپنی دعوت پر اثرانداز ہونے دیتے۔ یہ سب باوجود اس کے کہ آپؐ قریش کی طرف سے دی گئی تمام مشقتیں جھیل رہے تھے، آپؐ کا اپنی ذات کا کوئی دفاع نہیں تھا، کوئی مدد نہیں تھی، کوئی حلیف نہیں تھا، کوئی مادی ذرائع نہیں تھے اور نہ کوئی ہتھیار۔ بڑی استقامت اور قوتِ ایمانی کے ساتھ، تمام مصائب اور مادی کمزوریوں سے قطع نظر، آپؐ نے دین کی دعوت کو نہایت وضاحت اور بہادری کے ساتھ ایک چیلینج کے انداز میں سامنے رکھا۔ اسی سے آپؐ کو قوت ملی کہ آپ قریش کی ہر تدبیر جس کا مقصد لوگوں تک دعوتِ اسلام کو پہنچنے سے روکنا تھا، اس پر غلبہ پا سکے اور لوگوں تک اسلام کی دعوت پہنچا سکے۔ لوگوں نے حق کو پہچانا بھی کیونکہ بہرحال حق کی ایک طاقت ہوتی ہے جو باطل پر غالب آ ہی جاتی ہے۔ اب اسلام کا نور عرب میں پھیلنے لگا اور کئی لوگ جو اب تک بتوں کے پرستار تھے وہ اسلام کے گرویدہ ہو گئے۔ عیسائی بھی اسلام کی طرف آئے اور قریش کے کچھ بڑے لوگوں کے دل بھی قرآن سننے کی طرف مائل ہو گئے۔
عرب کا شاعر طفیل بن عمرو الدوسي لوگوں میں ایک دانا، خردمند اور دانشورانہ حیثیت رکھتا تھا، جب یہ مکہ آیا تو قریش نے اس سے پہلے ہی مل کر آپؐ کے خلاف اس کی رائے پر اثرانداز ہونے کے لئے اسے محمدؐ کے بارے میں ڈرایا کہ یہ شخص ایسی باتیں کرتا ہے جوانسان کو اس کے اہل سے الگ کر دیتی ہیں، اور یہ کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپؐ کی باتوں میں تم آ جاؤ اور تمہاری اور تمہارے لوگوں کی بھی وہی حالت ہو جو مکے کی ہوئی ہے اسلئے بہتر یہی ہے کہ نہ تم محمدؐ سے بات کرو اور نہ اُن کی بات سنو۔ ایک دن جب وہ کعبہ گیا تو آپؐ لوگوں سے مخاطب تھے، طفیل نے آپؐ کی کچھ باتیں سنیں جو اچھی لگیں تو دل میں سوچا کہ میں ایک شاعر ہوں دانا ہوں اور کسی اچھی بات میں اگر کوئی بری اور قبیح بات بھی چھپی ہو تو وہ مجھ سے نہیں چھپ سکتی، پھر مجھے کیا چیز روک سکتی ہے اس شخص کی بات سننے سے ؟اگر یہ شخص ا کوئی اچھی بات کہیں گے تو قبول کر لوں گا اور اگر بات بری ہو گی تو چھوڑ دوں گا۔ یہ سوچ کر طفیل پیچھے پیچھے آپؐ کے گھر تک آئے اور اپنا منشاء ظاہر کیا، آپؐ نے انہیں اسلام کے بارے میں بتایا اور قرآن پڑھ کر سنایا، جس پر انہوں نے اسلام کی شہادت دی اور اپنے لوگوں میں واپس آ کر اُنہیں اسلام کی دعوت دی۔
آپؐ کے پاس بیس عیسائی حاضر ہوئے جنہیں اسلام کی دعوت کا علم تھا، یہ لوگ آپؐ سے ملے، آپؐ کی بات سنی، اپنے سوالات کئے، انکے جوابات سنے اسلام کی سچائی کی شہادت دی اور مسلمانوں میں داخل ہو گئے۔ اس پر قریش بہت بھڑکے اور جب یہ قافلہ مکے سے روانہ ہوا تو قریش نے اُنہیں گھیر لیا اور اُن سے بد کلامی کی، کہا کہ تم بدنصیب لوگ ہو، تمہاری قوم نے تمہیں معلومات حاصل کرنے کے لئے بھیجا تھا اور تم محمدؐ کی بات سن کر اپنا دین چھوڑ دیا۔ اس سے اُن لوگوں پر کوئی برا اثر تو پڑا نہیں البتہ اُن کے ایمان ہی میں اضافہ ہوا۔ اس سے آپؐ کی شہرت ہی بڑھی اور لوگوں میں شوق ہوا کہ قرآن سنیں، یہاں تک کہ قریش کے ہی بدترین خصومت رکھنے والے یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے کہ کیا اس دعوت میں کوئی واقعی سچائی ہے ؟ اور وہ چھپ چھپ کر قرآن سننے لگے۔ ابو سفیان ابن حرب، ابو جہل عمرو بن ہاشم اور الاخنس ابن شریق مکے کے سرداروں میں سے تھے اِنہوں نے طے کیا کہ آپؐ کے گھر جا کر چھپ کر قرآن سنا جائے، چنانچہ ایک دوسرے سے الگ یہ لوگ وہاں پہنچے، اِن میں سے کسی کو خبر نہ تھی کہ دو اور ہیں جو چھب کر سن رہے ہیں۔ آپؐ کے معمول کے مطابق شب کا ایک بڑا حصہ عبادت میں گزرتا تھا، اِن لوگوں نے ایک دوسرے کی موجودگی سے بے خبر اپنی اپنی جگہ لے لی اور صبح صادق تک سنتے رہے۔ جب واپس اپنے گھر جانے لگے تو ایک جگہ یہ تینوں ٹکرائے اور ایک دوسرے سے شرمندگی بھی ہوئی اور ایک دوسرے کو ملامت بھی کیا کہ ایسا کرنے سے ہم کمزور پڑیں گے اور محمدؐ کے ہی ہاتھ مضبوط ہوں گے اسلئے اب سننے نہیں آئیں گے۔ اگلی شب پھر یہی ہوا اور صبح جب یہ لوگ پھر ٹکرائے تو پھر ایک دوسرے کو ملامت کی لیکن تیسری رات بھی یہ لوگ خود کو نہ روک پائے اور ایک دوسرے کے آنے سے بے خبر پھر قرآن سننے آ گئے۔ اب ان لوگوں نے جو کچھ سنا تھا اُس پر گفتگو کی تو بہت جھنجھلائے کہ ان کے اس عمل سے اُن کی کمزوری ظاہر ہوتی تھی جو کسی قبیلے کے سردار کے شایانِ شان نہیں اور اس سے دوسرے لوگ متاثر ہو سکتے ہیں جو کسی طرح قریش کے مفاد میں نہیں ہے۔
اس طرح قریش کی تمام رکاوٹوں کے باوجود جو دعوتِ اسلامی کے پھیلاؤ میں حائل تھیں، اسلام کا پیغام بہرحال لوگوں تک پہنچتا رہا۔ جیسے جیسے یہ دعوت پھیل کر آگے بڑھتی، قریش کا خوف بھی بڑھتا اور ساتھ ہی اُن کے مظالم جو وہ اصحاب رسول پر کرتے تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم طائف ؔ تشریف لے گئے کہ اگر ثقیفؔ کے لوگ اسلام کی دعوت قبول کر لیں تو پھر اُن سے نصرت اور حمایت طلب کی جائے۔ حالانکہ آپؐ ثقیفؔ کے پاس گئے تھے، لیکن اُن لوگوں نے مہمان نوازی کی اپنی روایت کے خلاف آپؐ سے نہایت شدید لہجے میں گفتگو کی اور بہت بد اخلاقی سے پیش آئے، اُنہوں نے اپنے آوارہ بد لگام لڑکے اور غلام آپؐ کے پیچھے چھوڑ دئے جو ہتک آمیز فقرے بھی آپؐ پر کستے تھے اور پتھراؤ بھی کرتے تھے جس سے آپؐ کے جسم اطہر اور قدم پر چوٹیں آئیں کہ لہو بہنے لگا۔ کسی طرح آپؐ نے ایک نخل میں پناہ لی جو شبیب ابن ربیعہ اور شیبہ ابن ربیعہ کا تھا۔ یہاں آپؐ بہت متفکر تھے اور اس نئی صورتِ حال پر غور فرما رہے تھے کہ جب تک مکے کے کسی سردار کی حمایت حاصل نہ ہو، آپؐ مکہ نہیں جا سکتے اور جس طرح اہلِ طائف نے سلوک کیا تھا، اب وہاں جانا بھی ناممکن تھا، نہ ہی اسی باغ میں بیٹھے رہ سکتے تھے کہ وہ باغ بھی دو کافر بھائیوں کا تھا۔ شدید درد کی اس مایوس کن حالت میں آپؐ نے اللہ تعالیٰ کے آگے ہاتھ پورے اعتماد سے ہاتھ اُٹھائے اور اس کی رضا طلب کی، یہ دعا مانگی:
((اے اللہ میں اپنی کمزور طاقت، کم سامانی اور انسانوں کے آگے اپنی بے بسی کی تجھ سے شکایت کرتا ہوں، اے ارحم الراحمین تو کمزوروں کا سہارا ہے تو میرا ربّ ہے، تو مجھے کس کے حوالے کرتا ہے وہ جو مجھ پر حملہ کرتے ہیں یا وہ دشمن جن کو تو نے میرے اوپر حاوی کیا ہے۔ اگر تو مجھ سے ناراض نہیں ہے تو مجھے کوئی پرواہ نہیں ہے۔ تیری دی ہوئی عافیت ہی میرے لئے بس کرتی ہے۔ میں تیرے نور کی پناہ لیتا ہوں جو تمام اندھیروں کو چھانٹ دیتا ہے۔ اور ساری دنیا کی چیزوں اور آخرت کی جس میں خیر ہے۔ تاکہ تیرا نور مجھ پر رہے نہ کہ تیرا غضب اور قہر۔ تجھ پر ہی میرا بھروسہ اور سہارا ہے تاکہ تو مجھ سے راضی ہو۔ اور تیرے سوا کوئی طاقت اور کوئی قوت نہیں ہے۔ ))
آپؐ المطعم ابن عدي کی حفاظت میں مکے واپس تشریف لائے اور جب مکے والوں کو اہلِ طائف کے سلوک کا علم ہوا تو اُنکی زیادتیاں اور بڑھ گئیں اب وہ لوگوں کو آپؐ سے بات نہیں کرنے دیتے تھے۔ اس طرح انہوں نے اپنی پکڑ دعوتِ اسلام پر مضبوط کی۔ جب لوگ آپؐ سے بات نہیں کر پا رہے تھے تو آپؐ نے اپنی توجہ اُن قبائل پر مرکوز کی جو عرب کے دوسرے حصوں سے موسمِ حج یا دوسرے موقعوں پر مکہ آتے تھے لیکن آپؐ کا چچا عبد العزی ابن عبدالمطلب یعنی ابو لہب ہمیشہ آپ کے پیچھے سائے کی طرح رہنے لگا تاکہ وہ اُن قبائل کو آپؐ سے بات کرنے سے روک سکے۔ اب آپؐ نے اِن قبائل سے بات کرنے کے لئے اُن کے خیموں میں جانا شروع کیا۔ اس طرح آپؐ بنو کندی، بنوکلب، بنو حنیفہ اور بنو عامر ابن صعصعہ کے قبائل سے اُن کے خیموں میں جا کر ملے اور اسلام کی دعوت رکھی۔ اِن تمام قبائل کا نہایت نامناسب رویہ رہا خاص طور پر بنی حنیفہ نے بدسلوکی کی اور سب ہی نے آپؐ کو واپس کر دیا، بنو عامر کا مطالبہ تھا کہ وہ اس قیمت پر آپؐ سے بیعت کریں گے اگر اُن کی مدد سے فتح ملی تو آپؐ کے بعد اقتدار اُن کے قبیلے کو ملے۔ آپؐ نے فرمایا کہ یہ تو اللہ کا معاملہ ہے چاہے جسے دے۔ اس طرح اہلِ مکہ، اہلِ طائف اور یہ قبائل اسلام کی دعوت کو رد کر چکے تھے، اور جو قبائل باہر سے کسی کام سے مکہ آتے وہ بھی مسلمانوں کے اس طرح علیحدہ پڑنے کی وجہ سے اسلام سے دور رہتے اور یوں صورتِ حال ابتر ہو گئی تھی، اسلام کی دعوت دینا مشکل ہوتا جا رہا تھا، مکے کے لوگ پوری طرح اس کو ٹھکرا چکے تھے، اور اُن کی ہٹ دھرمی، کفر کی وجہ سے اب مکے میں دعوت سے بہت کم امید بچی تھی۔

دعوت کے دو مراحل

مکہ میں آپؐ دعوت کے دو مراحل سے گزرے : پہلا مرحلہ تعلیم، فکری اور روحانی تربیت یعنی(Culturing)کا مرحلہ اور دوسرادعوت کو پھیلانے، اس کے لئے جدوجہد و کشمکش کا۔ پہلا دور اسلامی افکار کی سمجھ پیدا کرنے، ان افکار کو مسلمانوں میں پیکر کرنے اور مسلمانوں کی جماعت کو ان افکار پر تشکیل دینے کا مرحلہ۔ دوسرے مرحلے میں یہ اِن افکار کو ایک محرک قوت کے طور پر معاشرے تک پہنچانے کا تاکہ وہ زندگی ہر معاملے میں نافذ ہو سکیں، کیونکہ بہرحال جب تک یہ افکار دعوت کے ذریعہ معاشرے میں منفذ نہ ہوں وہ محض بے جان ’معلومات‘ کی حیثیت رکھتی ہیں جن میں اپنی کوئی قوتِ دافعہ نہ ہو۔ اور ایسی ’معلومات، چاہے کتابوں میں ہوں یا انسانی دماغوں میں بہرحال وہ مدفون ہی رہے گی تاوقتیکہ اس کا معاشرے میں عملی کردار نہ ہو اور ایسے افکار کی کوئی عملی قیمت نہیں ہوتی۔ کسی بھی افکار کو ایک ایسے مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے جس میں وہ افکار محض فکر نہ رہ کر معاشرے میں ایک جاندار قوتِ دافعہ اور محرک بن جائے جسے لوگ اپنائیں، اس کے سچ اور حق ہونے کی شہادت دیں، اسکو پھیلائیں اور اس کے نافذ ہونے کی جدوجہد کریں۔ اسی فطری طریقے سے اُن افکار کا نفاذ یقینی اور قطعی بنیا جا سکتا ہے۔ آپؐ نے مکے میں اسی اسلوب پر محنت کی اور انہی دو مراحل سے گزرے۔ پہلے مرحلے میں آپؐ نے مکے میں دعوت اسلام رکھی، دعوت کے ماننے والوں کی فکری تربیت کی اور اس کے احکام کی تلقین کی، یہ مرحلہ ایک خفیہ مرحلہ تھا جس میں آپؐ اسلام کے ماننے والوں کی دار ارقم میں یا کسی پہاڑ کی وادی میں یا پھر اُنہی کے گھروں میں کچھ لوگوں کے حلقے بنا کرکسی کو بھیج دیتے تاکہ اُن لوگوں کی اُس خاص نہج پر تربیت ہو سکے۔ یہ سب کار روائی رازدارانہ طور پر ہوتی تھی۔ اس طرح ان حلقوں میں شامل مسلمانوں کے ایمان اسلامی عقائد پر رور بروز قوی تر ہوتے، آپسی تعلقات مضبوط ہوتے اور اپنی مہم جو اُنہیں درپیش تھی، اس کا ادراک اُن پر عیاں ہوتا رہتا، یہ ہر قربانی کے لئے تیار رہتے تاکہ دعوت اِن کے نفوس کی گہرائیوں میں گھر کر لے۔ یہ جماعت ایسی تھی کہ ان میں اسلام پیکر تھا یہ سراپا اسلام کا نمونہ تھے۔ اب اس جماعت کی رازدارانہ نوعیت کے باوجود قید نہیں رہ سکتی تھی اور یہ اپنی جماعت کو راز میں رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے تھے۔ یہ لوگ جس کسی پر اعتماد ہوتا، یا جس کسی میں دعوت کی قبولیت کی استعداددیکھتے، اس سے اسلام کی بات کرتے جس سے لوگوں کو اس دعوت اور اس جماعت کے وجود کا شعور ہوا۔ یہ دعوت کا نقطۂ ابتدا تھا۔ اب بات باہر آ چکی تھی، پہلے مرحلے کا فطری اختتام جس میں ایک جماعت تشکیل پائی، اور قدرتی امر تھا کہ یہاں سے دعوت کا آغاز ہو۔ یہاں سے یہ ہونا ہی تھا کہ اسلام کی دعوت اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو جس میں کشمکش اور جدوجہد تھی، لوگوں کو اسلام سمجھانا تھا جن میں سے بعض نے مثبت مانتے ہوئے قبول کیا اور اس جماعت میں شامل ہو گئے اور بعض نے اسے رد کیا جن سے اب تصادم اور ٹکراؤ کی حالت تھی۔ پھر یہ ٹکراؤ تو ضروری تھا ہی قبل اس کے کہ باطل افکار ختم ہوں اور ان کی جگہ حق اور ہدایت کی روشنی لے۔ کیونکہ انسانی عقلیں کتنی ہی ہٹ دھرمی کیوں نہ کریں، صحیح فکر کے آگے کتنے ہی دروازے کیوں نہ بند کر لیں بہرحال صحیح فکر کی طاقت حاوی ہوتی ہی ہے۔ اب یہ دوسرا دور تھا جہاں معرکہ آرائی تھی، ایک فکر کا دوسری فکر سے تصادم اور مسلمان کا کافر سے ٹکراؤ تھا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم اپنے صحابہ ؓ کے ساتھ نکلے اور اس طرح کہ پہلے عربوں نے کبھی ایسا با نظم منظر نہ دیکھا تھا، اُنہوں نے کعبے کا طواف کیا اور اپنی دعوت کا اعلا ن عام لوگوں میں، واضح، صریح اور ایک چیلینج کی شکل میں کیا۔
اب قرآنی آیات نازل ہوئیں جن میں اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی وحدانیت کا ذکر تھا، کفر اور بت پرستی کی ملامت تھی اور اُن لوگوں پر حملہ تھا جو آبا و اجداد کی اندھی پیروی کر تے تھے۔ وہ آیات آپؐ پر نازل ہوئی جن میں معاشرے میں پھیلے فاسد معاملات پر حملہ کیا گیا جیسے سود کا لین دین اور ناپ تول میں کمی بیشی۔ آپؐ بیک وقت کچھ لوگوں کی ایک جماعت سے ملاقات کرتے، اپنے قریبی عزیزوں کو گھر بلاتے، کھانے کی دعوت کرتے اور اسلام کی طرف رغبت دلاتے، لیکن وہ لوگ اس سب کو رد کرتے رہے۔ اب آپؐ نے قریش کو صفا کی چوٹی پہ بلایا اور اسلام کا پیغام دیا جس کو سب نے ردّ کر دیا خاص کر ابو لہب نے بڑی شدّت سے ردّ کیا۔ اس کے بعد اہلِاسلام کی ایک طرف اور قریش اور دیگر عربوں سے دوسری طرف مخاصمت گہری ہو گئی۔ لیکن اس واقعہ سے ایک بات یہ بھی ہوئی کہ جو اسلام اب تک لوگوں کے گھروں میں حلقوں کی شکل میں، یا پہاڑیوں کے دامن میں یا دار ارقم میں چھپ چھپ کر سیکھا اور سکھایا جا رہا تھا وہ اس واقعہ سے منظرِ عام پر آ گیا۔ اس غیر معمولی تبدیلی سے جو بات اب تک کچھ خاص لوگوں کو بتائی جا رہی تھی جو استعدادِِ قبولیت رکھتے تھے، اب ہر ایک کو دعوت دی جانے لگی اور اس سے جیسے جیسے قریش کو دعوت کے خطرات نظر آتے گئے، مخاصمت بڑھتی گئی۔ اب قریش نے محسوس کیا کہ اس دعوت سے صرفِ نظر نہیں کیا جا سکتا اور وہ ایسے اقدامات کرنے لگے جن سے اسلام کا سدِّ باب کیا جا سکے۔ اس طرح عام دعوت کا اثر بھی مختلف ہوا اور دعوت مکے میں پھیل گئی، ہر ایک دن کوئی نہ کوئی اسلام کے دائرے میں داخل ہوتا جن میں غریب، محروم اور مظلوم بھی ہوتے، شرفائے مکہ بھی اور تاجر بھی، ایسے تاجر جن کی تجارت انہیں حق شناسی سے اور آپؐ ا کی دعوت سے نہ روک پاتی۔ یہ وہ لوگ تھے جن کے نفس، طہارت، پاکیزگی، سچائی اور دانائی سے بھرے ہوئے تھے۔ یہ شریف النفس خود کی اپنی بیجا ضد اور سرکشی کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیتے تھے اور جیسے ہی اللہ کے دین کی دعوت اور اِس کا حق ہونا اِن نیک طبع نفوس پر آشکارا ہوا، اِنہوں نے فوراً لبیک کہا۔ اِن میں مرد بھی تھے اور عورتیں بھی۔ حالانکہ عام دعوت کی وجہ سے مسلمانوں کو بڑی مشقتیں بھی جھیلنا پڑیں تاہم اس کے ذریعہ بہت زیادہ لوگوں تک اسلام کا پیغام پہنچ پایا اور بڑے مثیر نتائج مرتب ہوئے۔ اس کامیابی نے اہلِ قریش کو بہت غضب ناک بنا دیا اور اُن کے دل کھولنے لگے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلّم نے بغیر توقف کے ایک مسلسل محاذ کھول رکھا تھا جس میں وہ مکے کی عام برائیوں جیسے نا انصافی، سنگدلی اور انسانی خرید و فروخت اور غلامی کی رسموں کو واضح اور صریح انداز میں اِن کی خباثت کو بے نقاب کیا تھا۔ یہ ایک نہایت ہی شدید اور پر تشدّد مرحلے کی ابتداء تھی، ایک طرف آپؐ اور صحابۂ کرام ؓ اور دوسری طرف کفّارِ مکہ۔ حالانکہ امرِ واقع یہ ہے کہ دعوت کا دوسرا مرحلہ یعنی مرحلۂ تفاعل نہایت سخت اور صبر آزما ہوتا ہے کیونکہ اس میں نتائج اور حالات سے بے پرواہ ہو کر اپنی بات صریح طور سے کہنا ہوتی ہے لیکن پہلے اور دوسرے مراحل کے درمیان کا دور ایک بہت ہی نازک دور ہوتا ہے، کہ اس میں صبر کے ساتھ دانائی، معاملہ سنجی اور باریک بینی سے کام لینا پڑتا ہے، جس کے لئے مسلمانوں کو پہلے دور میں تربیت دی گئی تھی۔ اس درمیانی مدّت میں کفار سے پہلا پہلا سابقہ پڑتا ہے اور مسلمان کیلئے، اس کے ایمان کے لئے ایک سخت امتحان ہوتا ہے۔ آپؐ اور اصحاب کرامؓ نے اس درمیانی مرحلے میں ایسے ظلم، تعذیب اور جبر کی آزمائشوں کو برداشت کیا جو ایک پہاڑ کو بھی متزلزل کر دیتیں۔ اس دوران بعض صحابہؓ نے حبشہ کی طرف ہجرت کی، بعض اور ان مظالم اور جبر کے سہتے سہتے شہید ہو گئے اور بعض یہ سب صعوبتیں برداشت کرتے رہے اور اپنی دعوت میں استقامت سے لگے رہے حتیٰ کہ مکے کی ظلمات چھٹیں اور نورِ اسلام سے مکہ بھی بالآخر متاثر ہوا۔ اس حقیقت کے باوجود کے آپؐ دار ارقم میں نہایت راز داری سے لگاتار تین سال تک مسلمانوں کی فکری تربیت میں لگے رہے، مزید آٹھ سال تک آپؐ کو اہلِ کفر کے ساتھ جدوجہد اور کشمکش کرنا پڑی اور اپنی نبوت کے ثبوت کے طور پر معجزات دکھانے پڑے، قریش نے مسلمانوں کو کبھی چین سے بیٹھنے نہ دیا اور نہ ہی اپنی جنگ میں ذرا سستی آنے دی کہ مسلمان کچھ راحت پالیں۔ بہر حال اس تفاعل کی بدولت اور حج کے قافلوں کے ذریعہ جزیرہ نمائے عرب میں اسلام کی دعوت کی خبر پھیل چکی تھی اور عرب میں اس کا چرچہ عام ہو گیا تھا۔ لیکن یہ عرب قبائل محض تماش بین بنے ہوئے تھے اور دعوت کی قبولیت میں ایک قدم بھی آگے نہ بڑھایا تھا کیونکہ یہ قبائل عرب بہرحال قریش سے مخاصمت مول لینا نہیں چاہتے تھے۔ اب ایک طرف تو آپؐ یہ مشاہدہ کر رہے تھے کہ قریش کی کی ہٹ دھرمی کے تھمنے کے کوئی آثار نہیں ہیں اور دوسری طرف یہ کہ اسلام کو ہر حال میں غالب ہونا ہی ہے، لیکن چونکہ قریش اب بھی اسلام کو رد کر رہے تھے اسلئے یہ امکان ہی نہیں تھا کہ اسلام مکے میں نافذ ہو سکے۔ مزید یہ کہ اہلِ مکہ کے مظالم اس بات میں مانع تھے کہ مسلمان دعوت کے کام کو اور پھیلائیں، پھر قریش کے مسلسل انکار نے مسلمانوں کے زخموں پر نمک کا کام کیا تھا اور آزمائشوں اور مصائب میں اضافہ ہی ہوا تھا۔ اسلئے اب یہ صورتِ حال کسی طرح مسلمانوں کو قابلِ قبول نہ تھی کیونکہ اس طرح اُس تیسرے مرحلے یعنی وہ مرحلہ جس میں اسلام نافذ ہو، داخلہ ممکن نہ تھا، چنانچہ اب وقت آ گیا تھا کہ اس جمود اور تھمی ہوئی صورتِ حال کو بدل ڈالا جائے۔

دعوت کی توسیع

طائف میں بنی ثقیفہؔ کے ردِّ اسلام کے بعد قریش کی طرف سے مسلمانوں پر مظالم کا دور اور بڑھ گیا تھا جس میں مزید اضافہ اسوقت ہوا جب اسلام کی دعوت حج کے دوران بنو عامر ابن صعصعہؔ، بنو حنیفہؔ، بنو کلبؔ اور بنو کندہ ؔ نے بھی ٹھکرا دی۔ اس سے قریش کو جو تقویت پہنچی تو اُنہوں نے آپؐ کو اور الگ تھلگ کر دیا تاکہ دعوت آگے نہ بڑھ پائے اور کوئی باہری مدد نہ آ پائے۔ لیکن اس صبر آزما دور میں آپؐ اور مسلمان بڑی استقامت سے اپنے ایمان پر ڈٹے رہے اور اُنہیں اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے کامیابی کے وعدے پر کبھی شک نہ ہوا۔ آپؐ جہاں تک ممکن ہوا دعوت دیتے رہے اور قبائل سے ملتے رہے، اُن خطرات کو بغیر خاطر میں لائے جو آپؐ کو درپیش تھے۔ قریش کے آوارہ لڑکے آپؐ کو زچ بھی کرتے لیکن اس سے آپؐ کے اعتماد میں کبھی فرق نہیں آیا۔ قریش کی نفرتیں بڑھتی رہیں، لوگ آپؐ سے کٹتے رہے لیکن آپؐ کا اللہ تعالیٰ کے وعدوں پر ایمان بھی بڑھتا ہی رہا کہ اللہ تعالیٰ ضرور اپنے دین کی حمایت اور اس کی حفاظت کرے گا ۔ اسی توقع کے ساتھ آپؐ جب بھی موقع ہوتا اسلام کی دعوت ضرور دیتے۔ اب حج کا موسم آیا اور جزیرۂ عرب کے تمام علاقوں سے قبائل مکہ پہنچنے لگے۔ اُن صبر آزما حالات میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے فتح کی نشانی آئی اور مدینے کے قبیلۂ خزرج کے کچھ لوگ حج کے لئے مکہ آئے، آپؐ اِن لوگوں سے ملے، بات کی اور اسلام کی دعوت اُن کے سامنے رکھی، یہ لوگ ایک دوسرے کو دیکھنے لگے اور کہا’’ بخدا یہ تو وہی نبیؐ ہیں جن کے بارے میں (مدینے کے ) یہودی ہمیں ڈراتے رہتے ہیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ یہود آپؐ کی دعوت پر ہم سے سبقت لے جائیں ‘‘ یہ کہہ کر وہ لوگ اسلام کے دائرے میں داخل ہو گئے۔ اِن لوگوں نے آپؐ سے کہا کہ ہم نے اپنے قبیلے چھوڑ دئے، نفرتوں میں اِن جیسا کوئی نہیں ہے، اب یہ آپؐ کے توسط ہی سے اتفاق کر پائیں گے اور اگر ایسا ہو گیا تو آپؐ سے زیادہ عزت والا کوئی نہ ہو گا۔ مدینے لوٹ کر جب یہ لوگ آئے تو اپنے اسلام لانے کی بات انہوں نے اپنے لوگوں کو بتائی، اور دیکھا کہ اِن لوگوں کے دل اسلام کے لئے کھلے ہوئے ہیں اور اِن کے نفوس اس دعوت کے لئے بیتاب ہیں۔ اب اوس اور خزرج کا کوئی گھر ایسا نا بچا تھا جہاں حضور صلی اللہ علیہ و سلّم کا ذکر نہ ہو۔

عقبہ کی پہلی بیعت

اس واقعہ کے اگلے سال مدینے سے بارہ افراد پر مشتمل ایک جماعت آئی اور آپؐ سے مقام عقبہ پر ملاقات کی اور یہ بیعت کی۔ ’’ کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کریں گے، چوری نہیں کریں گے، زنا نہیں کریں گے، اپنی اولاد کو قتل نہیں کریں گے، کسی پر بہتان نہیں گھڑیں گے، اللہ کے رسولؐ کی ہر معروف میں اطاعت کریں گے۔ اگر اُنہوں نے اِس عہد کا ایفاء کیا تو اُن کے لئے جنت ہے اور اگر اِن میں سے کوئی گناہ کیا تو اللہ تعالیٰ کی مرضی پر ہے کہ وہ اُنہیں سزا دے یا معاف کرے ‘‘۔ اپنے اس عہد کے بعد، جب موسم حج پورا ہو گیا تو یہ لوگ مدینے لوٹ آئے۔

مدینے میں دعوتِ اسلامی

ابنِ اسحق لکھتے ہیں کہ جب یہ لوگ مدینے لوٹنے لگے تو آپؐ نے حضرت مصعب ابنِ عمیر کو اُن کے ساتھ کر دیا اور اُنہیں حکم دیا کہ وہ اہلِ مدینہ کو قرآن پڑھ کر سنائیں، اسلام کی تعلیم دیں اور دین کی باتیں سمجھائیں۔ مصعبؓ مدینے میں اسعد ابنِ زرارہؓ کے ساتھ رہتے تھے اور اہلِ مدینہ آپؓ کو المقری یا قاری کہہ کر بلاتے تھے۔ آپؓ لوگوں کے گھر جاتے یا قبیلوں میں جاتے، اُنہیں قرآن پڑھ کر سناتے اور اسلام کی طرف بلاتے تھے۔ شروع میں ایک ایک، دو دو لوگ اسلام میں داخل ہوتے یہاں تک کہ اسلام سارے مدینے میں غالب ہو گیا، سوائے اوس کے گھروں میں جیسے خطمہ، وائل اور واقف میں۔ مصعبؓ ایک ایک کو قرآن سکھاتے پھر آپ ؓ نے حضورؐ کو لکھ کر اجازت چاہی کہ اب وہ لوگوں کو اکٹھا کریں۔ آپؐ نے اجازت مرحمت فرمائی اور لکھا کہ یہودیوں کے مقدس دن یعنی سبّات کا انتظار کرو اور اُس دن دوپہر کے بعد اللہ کے حضور دو رکعت نماز ادا کر کے اللہ کا تقرّب حاصل کرو پھر اِن لوگوں میں خطبہ دو۔ اس حکم کی تعمیل میں حضرت مصعبؓ نے سعد بن خیثمہؓ کے گھر بارہ لوگوں کو جمع کیا اور اُن کے کھانے کے لئے ایک بھیڑ ذبح کی۔ اس طرح حضرت مصعبؓ کو تاریخ اسلام میں پہلا جمعہ پڑھنے کا شرف حاصل ہے۔
اس طرح حضرت مصعبؓ مدینے میں جگہ جگہ جاتے اور لوگوں کو دینِ اسلام کے بارے میں بتاتے۔ ایک دن آپؓ اسعد ابن زرارہؓ کے ہمراہ، بنی اشہل اور بنی ظفر کے محلّے میں پہنچے، وہاں پہنچ کر بنی ظفر کے ایک کنوئیں جس کا نام بئر مرق ہے کے پاس بیٹھے اور آس پاس سے اُن لوگوں کو بلایا جو پہلے ہی اسلام کے دائرے میں آ چکے تھے۔ سعد ابنِ معاذؓ اور اسید ابنِ حضیرؓ اس وقت اپنے قبیلے بنی عبد الاشہل کے سردار ہوا کرتے تھے اور مشرک تھے اور حضرت سعدؓ حضرت اسعد ابنِ زرارہؓ جو مصعبؓ کے ساتھ تھے، کے خالہ زاد بھائی بھی تھے۔ حضرت سعدؓ نے اسید ابنِ حضیرؓ سے کہا کہ جاؤ اور اِن دونوں لوگوں کو یہاں سے بھگا دو یہ ہمارے ناسمجھ لوگوں کو ورغلاتے ہیں، اِنہیں پھر اس علاقے میں نہ گھسنے دینا، اگر اسعدؓ میرا خالہ زاد نہ ہوتا تو میں تمہیں یہ زحمت بھی نہ دیتا، میں اسے نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ جب اسیدؓ تلوار ہاتھ میں لئے قریب پہنچے تو حضرت اسعد ابنِ زرارہؓ نے مصعبؓ نے سے کہا کہ یہ شخص اپنے قبیلے کا سردار ہے، اس سے اللہ کی سچی بات کرنا، مصعبؓ نے فرمایا کہ اگر وہ بیٹھا تومیں اُس سے بات کروں گا۔ اسید ابنِ حضیرؓ قریب آ کر کھڑے ہو گئے اور غصے بھرے لہجے میں کہا کہ تم ہمارے کمزور لوگوں کو گمراہ کرتے ہو، اس کا کیا مطلب ہے ؟ اگر تمہیں اپنی جانیں پیاری ہیں تو یہاں سے چلے جاؤ۔ مصعبؓ نے فرمایا کہ کیا آپ بیٹھ کر ہماری بات نہ سنیں گے ؟ اگر آپ کو بات اچھی لگے تو اسے قبول کیجئے ورنہ ترک کر دیجئے۔ یہ بات اسید ابنِ حضیرؓ کو مناسب لگی اور وہ اپنی تلوار زمین میں گاڑھ کر نیچے بیٹھ گئے۔ مصعبؓ نے اسلام کے بارے میں بات کی اور قرآن پڑھ کر سنایا۔ مصعبؓ اور اسعد ابن زرارہؓ فرماتے ہیں کہ ہماری بات ختم ہونے پر ہی ہم اسلام کا نور اُس شخص یعنی اسید ابن حضیرؓ کے چہرے پر دیکھ رہے تھے، اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہتے، اسید ابنِ حضیرؓ نے کہا :یہ کیا ہی اچھی باتیں ہیں !اگر کوئی اس دین میں داخل ہونا چاہے تو اسے کیا کرنا ہو گا؟مصعبؓ نے بتایا کہ وہ غسل کرے، پاک لباس پہنے، حق کی شہادت دے اور دو رکعت نماز پڑھے۔ یہ سب فوراً اسید ابنِ حضیرؓ نے ادا کئے اور کہا کہ میرے پیچھے ایک شخص ہے اگر یہ اسلام میں داخل ہو گیا تو اس کے پیچھے اس کی ساری قوم داخل ہو جائے گی، میں اس کو تمہارے پاس بھیج رہا ہوں، یہ سعد ابن معاذؓ ہے !اس طرح اسید ابنِ حضیر نے اپنی تلوار زمین سے نکالی اور واپس جانے لگے، جب حضرت سعد ابنِ معاذؓ کے پاس پہنچ رہے تھے تو حضرت سعدؓ نے، اپنے ساتھ بیٹھے لوگوں سے کہا کہ بخدا میں دیکھ رہا ہوں یہ(اسید ابنِ حضیرؓ کا) چہرا بدلا ہوا ہے، یہ ایسا نہیں ہے جیسا وہ گیا تھا۔ جب اسید ؓ اُن تک پہنچے تو حضرت سعدؓ نے پوچھا کہ کیا کِیا؟ اسید ابنِ حضیر ؓ نے فرمایا:میں نے اُن دونوں سے بات کی اور مجھے اُنکی باتوں میں کوئی غلط بات نہیں لگی۔ میں نے اُنہیں چلے جانے کا حکم دیا اور اُنہوں نے کہا کہ ہم وہی کریں گے جو تم چاہتے ہو، مجھے یہ بتایا کہ بنی حارثہ اسعد ابن زرارہ کو اسلئے مارنا چاہتے تھے کہ وہ تمہارا بھائی ہے اور اسے مار کر وہ تمہیں اور تمہاری امان کو کمزور اور بے اثر ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر حضرت سعدؓ بھڑک گئے اور اسید ابنِ حضیرؓ سے کہا کہ تم کچھ بھی نہ کر سکے۔ یہ کہہ کر سعدؓ نے اپنی تلوار اُٹھائی اور اِن دونوں کی طرف بڑھے، قریب پہنچ کر جب دیکھا کہ یہ دونوں تو اطمینان سے بیٹھے ہیں تو سمجھ گئے کہ اسید ابنِ حضیرؓ کا منشا یہ تھا کہ اِن دونوں کی بات سنی جائے۔ اِن کے قریب آ کر بڑے غیظ سے اُن کو دیکھا اور اسعد ابنِ زرارہؓ سے کہا کہ اے ابو امامہ، اگر ہم دونوں میں قرابت کا یہ رشتہ نہ ہوتا تو تم مجھ سے ایسا نہیں کر سکتے تھے، کیا تم ہمارے علاقے میں اس طرح پیش آؤ گے جو ہم ناپسند کرتے ہیں ؟حضرت سعدؓ کے آنے سے پہلے ہی اسعد ابنِ زرارہ مصعبؓ کو بتا چکے تھے کہ یہ شخص اپنی قوم کا سردار ہے اگر یہ تمہاری بات مان گیا تو ہر شخص مان لے گا۔ غرض یہ کہ مصعبؓ نے سعدؓ سے فرمایا:’’ کیا آپ بیٹھ کر ہماری بات نہ سنیں گے ؟ اگر آپ کو پسند آئے تو قبول کیجئے ورنہ اسے چھوڑ دیجئے ‘‘۔ چنانچہ سعدؓ نے بھی اپنے ساتھی اسید ابن حضیرؓ کی طرح تلوار زمین میں گاڑھی اور بیٹھ گئے۔ مصعبؓ نے حسب سابق اسلام کے بارے میں سمجھایا اور قرآن پڑھ کر سنایا۔ مصعبؓ اور اسعد بن زرارہ سے روایت ہے کہ قبل اس کے کہ سعدؓ کچھ بولتے ہم نے اُن کے چہرے پر اسلام کی چمک دیکھی۔ حضرت سعدؓ نے قرآن سننے کے بعد فرمایا کہ کیا ہی اچھی باتیں ہیں، اگر کوئی اس دین میں شامل ہونا چاہے تو وہ کیا کرے ؟ اُنہیں بتایا گیا کہ پہلے وہ غسل کر کے پاک ہو جائے پھر پاک کپڑے بدلے اور حق کی گواہی دے اور اللہ کے حضور دو رکعت نماز ادا کرے۔ یہ سب حضر ت سعدؓ نے کیا پھر اپنی تلوار نکالی اور اسید بن حضیرؓ کے ساتھ اپنے ساتھیوں میں گئے۔ جب یہ دونوں وہاں پہنچنے لگے تو لوگوں نے کہا کہ سعدؓ کا چہرا بدلا ہوا ہے، یہ ایسا نہیں تھا جیسے وہ گئے تھے۔ حضرت سعدؓ نے اُن سے پوچھا:’’ اے بنو اشہل! تم لوگ اپنے اوپر میرا اقتدارکیسا تسلیم کرتے ہو؟‘‘لوگوں نے جواب دیا کہ آپ ہمارے سردار ہیں، آپ کی رائے بہترین اور آپکی قیادت مسلّم ہے ‘‘۔ حضرت سعدؓ نے جواب دیا کہ میری تم سب مر اور عورتوں سے گفتگو اس وقت تک حرام ہے جب تک تم اللہ اور اس کے رسولؐ پر ایمان نہ لاؤ۔ لوگوں نے کہا کہ اگر یہ بات ہے تو تو بنی اشہل میں ایک بھی مرد اور عورت نہیں ہو گا سوائے اس کے کہ وہ مسلم یا مسلمہ ہو۔
حضرت مصعبؓ پھر اسعدؓ ابنِ زرارہ کے گھر رہے اور اپنی دعوت جاری رکھی اور اگلے ایک سال میں مدینے کا کوئی گھر ایسا نہ بچا جس میں کوئی نہ کوئی اسلام کا ماننے والا نہ ہو۔ اس دوران مصعبؓ لوگوں کو اسلامی افکار کی تعلیم دیتے، اُن کی روز مرہ کے امور میں رائے کو اسلام سے متاثر کرتے۔ آپ ؓ ایک ایک گھر جاتے، آس پاس کے نخلستانوں میں جاتے لوگوں سے گفتگو کرتے، اسی طرح وہ قبائل کے سرداروں کے پاس جاتے اور اسلام کے طرف بلاتے۔ اس طرح روز بروز اسلام کے ماننے والوں کی تعداد میں ترقی ہوتی رہی جس سے مصعب ؓ خوش تھے۔ لوگوں تک حسن و خوبی سے بات پہچانے کے لئے مصعبؓ مناسب تدبیریں بھی کرتے جیسی کہ اسید ابنِ حضیرؓ کے ساتھ کی تھی۔ اس طرح ایک ساتھ تک محنت کے بعد اب اہلِ مدینہ کے افکار بوسیدہ بت پرستی اور غلط احساسات سے بدل کر توحیدِ الہیٰ، ایمان اور اسلامی احساسات میں ڈھل گئے تھے جو جھوٹ، دھوکہ دھڑی اور شرک سے انسان کو باز رکھتے ہیں۔ حضرت مصعب ؓ اور آپ کے ساتھ ایمان لانے والوں کی محنت کے ذریعہ اس ایک سال میں مدینہ ایک دار الکفر سے تبدیل ہو کردار الإسلام بن گیا تھا۔

عقبہ کی بیعتِ ثانیہ

عقبہ کی پہلی بیعت اپنے اثر کے اعتبار سے بڑی خیر و برکت کا موجب تھی، کیونکہ باوجود ایک چھوٹی سی جماعت کے جو اس بیعت میں شریک تھے، اُنہیں صرف ایک شخص یعنی حضرت مصعبؓ ابنِ عمیر کافی ہوئے اور مدینے کے سار ے معاشرے کے افکار اور خیالات جو اُن میں عام تھے، اُن میں انقلاب آیا اور وہ بدل کر اسلامی فکر بن گئے جبکہ دوسری طرف مکے میں ایک خاصی تعداد مسلم ہو چکی تھی لیکن چونکہ معاشرہ اُن سے کٹا رہا، اور کوئی گروہ خاص اسلام میں نہیں آیا، معاشرے پر اسلامی سوچ اور افکار اثر انداز نہیں ہو پائے۔ دوسری طرف مدینہ تھا کہ جہاں لوگوں کی خاصی تعداد اسلام کے دائرے میں آئی، وہاں کے معاشرے پر اسلام اثرانداز ہوا، اہلِ مدینہ کے خیالات اور احساسات اسلام سے متاثر ہوئے۔ یہ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ ایسے لوگوں کا ایمان جو معاشرے سے علیحدہ ہوں، اور لوگوں سے کٹے ہوں، نہ وہ معاشرے کو متاثر کرتا ہے اور نہ ہی لوگوں پر اثرانداز ہوتا ہے، چاہے اُن افراد کی کتنی ہی طاقت کیوں نہ ہو۔ اس کے برعکس، اگر اگر حاملین دعوت لوگوں سے جڑے ہوں، تو اِن کے افکار اور خیالات معاشرے پر اثر انداز ہوتے ہیں اور معاشرے کی سوچ اور فکر میں انقلاب برپا کر دیتے ہیں، چاہے اِن جُڑے ہوئے افراد کی تعداد کم ہی کیوں نہ ہو۔ یہ اس بات پر بھی دلالت کرتی ہے کہ اگر ایک معاشرہ کفر کی حالت پر بضد ہو جیسا کہ مکے کا حال تھا، تو یہ زیادہ مشکل ہوتا ہے بنسبت اس معاشرے کے جہاں چاہے کفر کے افکار ہوں لیکن وہ لوگوں پر پوری طرح حاوی نہ ہوں، جیسا کہ مدینے کا معاملہ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ مدینے کا معاشرہ اسلام سے متاثر ہوا اور اپنے سابقہ خیالات اور سوچ کی برائی اور قباحت اُن پر واضح ہو گئی کیونکہ وہ دوسری فکر اور ایک متبادل نظام کے بارے میں سوچتے تھے جو اُن کی زندگیوں کو منظم کر سکے۔ بخلاف اس کے مکے کے لوگ اپنی حالت پر اپنی دانست میں مطمئن تھے بلکہ وہ اپنے افکار کی ’حفاظت‘ کرتے تھے کہ کہیں اِن میں کوئی تبدیلی نہ آ جائے، خاص طور پر اُن کے سرداران جیسے ابو لہب، ابو جہل اور ابو سفیان۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت مصعب ؓ ایک قلیل عرصہ میں اسلام کی طرف معاشرے کا رویہ بدلنے میں کامیاب ہوئے اور وہ لوگوں کو دعوت دیتے، اُن کو اسلام کے خیالات اور افکار کی تعلیم دیتے اور لوگوں میں اسلام کی قبولیت کا مشاہدہ کرتے۔ لوگ زیادہ تعداد میں روز بروز اسلام میں داخل ہوتے جس سے حضرت مصعبؓ کی ہمت میں اور اضافہ ہوتا اور وہ مزید قوت سے دعوت دے پاتے۔
حضرت مصعبؓ حج کے موسم میں مکہ تشریف لائے اور آپؐ کو مسلمانانِ مدینہ کے احوال بتائے، اُنکی قوت کے بارے میں روشنی ڈالی، مدینے میں اسلام کے پھیلاؤ کا ذکر کیا، اور مدینے کے معاشرے کی تصویر پیش کی کہ وہاں ہر جگہ آپؐ کا ذکر ہے، ماحول میں اسلام چھایا ہوا ہے، مسلمانانِ مدینے کی قوت کا ذکر کیا جس سے سارے مدینے میں اسلام کا غلبہ ہے۔ بعض ایسے مسلمانوں کی اطلاع دی جن کا اسلام پر ایمان اور اس کی دعوت کو پھیلانے کا جذبہ شدید، ارادہ نہایت مضبوط، اور اسلام کا دفاع کرنے کی چاہ ہے اور یہ بتایا کہ یہ لوگ اس سال مکے آنے والے ہیں۔ مدینے کے اِن حالات سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلّم کو بہت مسرت ہوئی اور آپؐ مکے اور مدینے کے ماحول میں فرق پر غور کرتے لگے۔ مکے میں آپؐ نے بارہ سال مسلسل اسلام کی دعوت دی، کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھی، جس قدر ممکن تھا محنت کی، ہر قسم کی اذیتیں جھیلیں، اس کے باوجود مکے کے لوگوں کی ہٹ دھرمی، اور سرکشی کے باعث دعوتِ اسلام مکے پر وہ اثر مرتب نہ کر پائی جو مطلوب تھا، یہ لوگ اپنی ضد اور اپنے بوسیدہ دین کے تحفظ میں اتنے شدید تھے کہ اِن کے ذہنوں کے دقیانوسی خیالات اسلام کی راہ میں آڑے آ رہے تھے۔ شرک اور بت پرستی کا یہ مرکز تھا اور یہاں کے لوگ اُس پر شدت سے قائم تھے۔ اس کے برعکس مدینے کا عالم یہ تھا کہ ابھی ایک سال پہلے ہی قبیلۂ خزرج کے کچھ لوگوں نے یہ دعوت قبول کی تھی، پھر عقبہ کی پہلی بیعت ہوئی جسکے بعد حضرت مصعبؓ کی کوششیں۔ اسی سے مدینے کے ماحول میں انقلاب آیا اور لوگ جوق در جوق اسلام میں داخل ہونے لگے۔ مکے میں اسلام کی دعوت آگے نہیں بڑھ پائی تھی، انہی لوگوں تک آ کر رُک گئی تھی جو مسلمان ہوئے تھے اور اِنہیں کفار کی شدید آزمائشوں کا سامنا تھا، لیکن مدینے میں مسلمانوں کو وہاں کے مشرکوں اور یہودیوں کی طرف سے مصائب کا سامنا نہ تھا اور دعوت پھیلتی گئی، اس سے اسلام لوگوں کے دلوں گہرائی تک رسائی پا گیا اور نئے لوگ بھی اس کی طرف متوجہ ہوئے۔ اب یہ بات آپؐ پر واضح ہو گئی کہ مدینہ ہی زیادہ موزوں اور مناسب ہے، اور اہلِ مدینہ زیادہ رجحان رکھتے ہیں کہ اسلام کی دعوت کا نور وہاں سے چمکے۔ اسلئے آپؐ نے یہ سوچا کہ ہجرت کر کے مدینے جائیں اور مکے کے مسلمان بھی مدینے میں اپنے بھائیوں میں رہیں، تاکہ ایک طرف تو وہ قریش کی زیادتیوں سے محفوظ، اُن کے مظالم سے دور اور اُن کے جبر سے آزاد رہیں اور دوسری طرف یہ کہ وہ پھر دعوت اسلام کی طرف اپنی توجہ پوری طرح مرکوز کریں تاکہ اسلام اب عملی مرحلہ میں داخل ہو اور لوگوں کی زندگیوں پر اس کا انطباق کیا جا سکے اور اس کی دعوت کو ایک ریاست کی قوت اور اقتدارسے آگے بڑھایا جا سکے۔ یہی ہجرت کا سبب تھا اس کے علاوہ اور کچھ نہیں۔
یہاں یہ امر قابلِ غور ہے کہ آپؐ نے محض قریش کے مظالم اور اذیتوں سے پریشان ہو کر یا ان پر غلبہ پانے کی کوشش کئے بغیر، یا اُن پر صبر اور استقامت سے ڈٹے نہ رہ کر ہجرت کا فیصلہ کیا ہو، آپؐ تودس سال مسلسل ان صعوبات اور صبر آزما حالات میں بھی دعوت ہی پر جمے رہے۔ آپؐ اور تمام اصحاب ؓ نے قریش کی ہر تعذیب، ایذا اور دہشت کا سامنا کیا، قریش کی بدسلوکی اور مزاحمت نے کبھی بھی آپؐ یا کسی صحابیؓ کے ارادے کو کمزور نہ کیا، بلکہ اس کے برعکس ایسی حالت میں اُن کا ایمان اُن کو نئی بلندیوں پہ لے گیا اور اللہ تعالیٰ کے وعدے پر یقین نے اُن کے ارادوں اور عزم کو اور مضبوط بنا دیا۔ لیکن اِس عرصے کے تجربات سے بات آپؐ پر واضح ہو گئی تھی کہ مکے کا معاشرہ کس قدر کٹّر اور تنگ نظر ہے اور اہلِ مکہ کتنے سنگدل اور گمراہ ہیں۔ نتیجتاً یہاں دعوت کی کامیابی کے امکانات کتنے کم ہوں گے اور یہ اپنی کوششیں اور محنتیں ضائع کرنے کے مترادف ہو گا، چنانچہ یہ ضروری ہے کہ اس معاشرے سے نکل کر کسی اور جگہ اپنی کاوشیں اور محنت مرکوز کی جائے، اسلئے آپؐ نے مکے سے ہجرت کرنے کا سوچا اور بس صرف یہی وجہ تھی کہ مدینے ہجرت کی جائے۔ نہ کہ قریش کے ظلم اور تشدد سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے۔ حالانکہ اس قبل ایسا ہوا تھا کہ آپؐ نے اپنے بعض اصحابؓ کو قریش کے ظلم و زیادتیوں سے بچنے کے لئے حبشہ کی طرف ہجرت کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے یہ ثابت ہوتی ہے کہ ایک مسلمان کو اجازت ہے کہ اگر اس پر اس کے دین کی وجہ سے مظالم اور زبردستی ہو رہی ہو تو وہ کہیں اور ہجرت کر جائے حالانکہ تعذیب برداشت کرنا، ایمان میں اضافہ کرتا ہے، جور اور ظلم سے خلوص میں نکھار آتا ہے، مزاحمت سے عزم اور ارادہ قوی ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ پر ایمان سے چیزوں کی بے وقعتی دلوں میں گھر کرتی ہے اور اللہ کی راہ میں آنے والی مشاکل کا سامنا کرنا آسان ہوتا ہے، مومن اپنی جان، مال اور دل کا سکون تک قربان کر دینے پر آمادہ ہوتا ہے۔ لیکن اس کا ایک دوسرا بھی رخ ہے کہ مومن ان مصائب کا سامنا کرنے اور قربانیوں پر تیار رہنے میں اتنا مشغول ہو جاتا ہے کہ اس کی ساری کوششیں اسی پر مرکوز رہتی ہیں نہ کہ اپنے دین کی اشاعت اور دعوت پر، دیگر یہ کہ وہ اپنے مبداء کی سچائی اور حق پر اتنا غور نہیں کر پاتا کہ اس کی فکر وسیع ہو سکے۔ اسی لئے یہ ناگزیر تھا کہ فتنے کی جگہ سے ہجرت کا حکم دیا جاتا۔ یہ تو معاملہ تھا حبشہ کی ہجرت کا، لیکن مدینے کی ہجرت کا معاملہ مختلف تھا، اس سے مقصود یہ تھا کہ اسلامی فکر، اور اللہ کے پیغام کو اپنی نئی جگہ لوگوں میں ایسا ڈھال دیں کہ ایک نیا معاشرہ تیار ہو جو اللہ تعالیٰ کی اس دعوت کوساری دنیا میں پھیلا سکے اور اللہ کا کلمہ بلند ہو۔ یہ وہ فکر تھی جو آپؐ کو مدینے ہجرت کی طرف مائل کر رہی تھی۔ لیکن قبل اس کے کہ آپؐ خود ہجرت کرتے یا اپنے صحابہؓ کو حکم دیتے، یہ ضروری تھا کہ آپؐ مدینے سے آئے ہوئے حاجیوں سے، اُن میں موجود مسلمانوں سے ملیں اور یہ محسوس کریں کہ اہلِ مدینہ کس حد تک دینِاسلام کی حمایت کے لئے تیار ہیں، اسلام کی راہ میں کہاں تک قربانیاں دے سکتے ہیں، اور یہ دیکھیں کہ کیا وہ آپؐ کے ہاتھ پر جنگ اور قتال کی بیعت کرنے کو تیار ہیں ؟کیونکہ اسلامی ریاست کے قیام کے لئے یہی سنگِ بنیاد ہو گا۔ آپؐ نے حاجیوں کی آمد کا انتظار کیا، یہ بات بعثت نبوی کے بارہویں سال یعنی ۶۲۲ء کی ہے۔ حاجیوں کی تعداد کافی تھی اور اِن میں ۷۵ مسلمان تھے، جن میں دو عورتیں تھیں، ایک نسیبہؓ بنت کعب یعنی ام عمارہ جو بنی مازن بن النجار سے تھیں اور دوسری اسماء بنت عمرو بن عدي یعنی ام منیع جو بنی سلمہ سے تھیں۔ آپؐ نے اِن لوگوں سے راز داری سے رابطہ کیا اور اِن سے ایک اور بیعت کے بابت بات کی جو محض دعوت کو پھیلانے اور حملے کی صورت میں دفاع پر اکتفاء نہ کرتی تھی بلکہ اس کے بڑے دور رس مضمرات تھے، یہ ایک ایسی بیعت ہونا تھی جو ایک ایسی قوت کو شکل دے سکے جو ایک طرف تو مسلمانوں کے دفاع کے لئے کافی ہو اور دوسری طرف یہ قوت ایک ریاست کا سنگِ بنیاد ہو جو اس کی حفاظت کر سکے، ایک ایسی طاقت جو اسلامی دعوت اور اسلامی احکام کے نفاذ کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو مادّی قوت سے ہٹا سکے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلّم نے اُن سے اس بیعت پر بات کی تاکہ اُن میں امور کی استعداد محسوس کر پائیں۔ مدینے کے حاجیوں نے ایامِ تشریق کے درمیان ایک شب آپؐ سے عقبہ کے مقام پر ملنے کا وعدہ کیا۔ آپؐ نے اُنہیں ہدایت دی کہ جب وہ آئیں تو کسی سوتے کو نہ اُٹھائیں اور نہ کسی شخص کا جو غائب ہو انتظار کریں۔
مقررہ شب جب ایک تہائی سے زیادہ گزر گئی تو وہ حضرات بڑی احتیاط سے عقبہ کی طرف آپؐ سے ملاقات کے لئے روانہ ہوئے، اُن کے ساتھ دونوں خواتین بھی تھیں۔ یہ لوگ دبے پاؤں مع اپنے سامان کے عقبہ کے پہاڑپر چڑھ گئے تاکہ ان کا یہ معاملہ راز رہے۔ ان لوگوں نے وہاں پہنچ کر آپؐ کا انتظار کیا تاوقتیکہ آپؐ حضرت عباسؓ کے ساتھ تشریف لائے جو اس وقت تک ایمان نہیں لائے تھے۔ حضرت عباس ؓ اسلئے ساتھ آئے تھے کہ اطمینان کر لیں کہ اُن کے بھتیجے یعنی حضورؐ کسی خطرے میں تو نہیں پڑ رہے اور آپ ہی نے گفتگو کا آغاز کیا فرمایا:
’’ اے اہلِ خزرج!تمہیں معلوم ہے کہ محمدؐ کا ہم میں کیا مقام ہے۔ ہم نے اپنے ہی لوگوں سے انکی حفاظت کی ہے اور وہ بھی ایسا ہی احترام کرتے ہیں۔ محمدؐ اپنی قوم میں عزت اور حفاظت سے رہتے ہیں لیکن اُنہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ تمہارے پاس آ جائیں، اگر تم یہ سمجھتے ہو کہ جو وعدہ تم نے اُن سے کیا ہے اس کو پورا کرو گے اور اُن کی دشمنوں سے حفاظت کرو گے تو اُنہیں لے جاؤ، اور اگرتم انہیں چھوڑ دو گے اور ان سے کیا وعدہ پورا نہ کرو گے تو تم اُنہیں چھوڑ دو‘‘۔
اُن لوگوں نے جواب دیا:’’ ہم نے سن لیا جو آپ نے کہا، اے اللہ کے رسولؐ اب آپؐ فرمائیے اور اپنے لئے اور اپنے ربّ کے لئے جو پسند ہو وہ فیصلہ کیجئے ‘‘۔ آپؐ نے پہلے کچھ آیاتِ قرآنی تلاوت کیں، پھر اسلام کے لئے رغبت کی بات کی اور فرمایا: ’’ّ (أبایعکم علی أن تمنعوني مما تمنعون منہ نسائکم و ابنائکم)‘‘یعنی میں اس بات پر تمہاری بیعت لیتا ہوں کہ تم جس طرح اپنی عورتوں اور بچوں کی حفاظت کرتے ہو اسی طرح میری حفاظت بھی کرو گے۔ سب سے پہلے البراء نے پہل کرتے ہوئے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا اور کہا کہ اے اللہ کے رسولؐ ہم بیعت کرتے ہیں، اللہ کی قسم ہم جنگجو قوم ہیں، اور ہمارے پاس اسلحہ ہے جو ہمارے باپ دادا سے ورثے میں ملا ہے۔ اس سے پہلے کہ البراء کی بات ختم ہوتی، ایک شخص ابو الھیثم ابن التیھان نے دخل اندازی کرتے ہوئے کہا کہ اے اللہ رسولؐ ہمارے ساتھ دوسروں کا(یہودیوں کا) معاہدہ ہے، ہم اسے توڑ دیں اور پھر اللہ تعالیٰ آپؐ کو فتح دے دے اور آپؐ پھر اپنی قوم میں لوٹ آئیں اور ہمیں چھوڑ دیں ؟ اس پر آپؐ مسکرائے اور فرمایا:’’تمہارا خون میرا خون ہے، جو تمہیں عزیز ہے وہ مجھے عزیز ہے، تم مجھ میں سے ہو اور میں تم میں سے، میں اُس سے مقابلہ کروں گا جو تم سے لڑے اور اُس سے میری صلح ہو گی جو تم سے صلح کرے ‘‘۔ العباس ابن عبادہؓ نے خزرج کو مخاطب کیا اور کہا ’’کہ اے لوگو! کیا تمہیں احساس ہے کہ تم یہ بیعت کر کے خود کو کس وعدے کے سپرد کر کر رہے ہو؟اس کا مطلب ہے ہر ایک سے لڑنا، اور اگر تم یہ سمجھتے ہو کہ اس تمہارے مال و اثاثے تم سے چھوٹ جائیں گے اور تمہارے عزت دار لوگ مارے جائیں گے پھر تم اِن (یعنی رسول اللہ ؐ) کو چھوڑ دو گے تو بہتر ہے تم یہ ابھی کر دو کیونکہ بعد میں آپؐ کو چھوڑ دینے کا مطلب ہو گا کہ اس دنیا میں اور آخرت میں شدید رسوائی۔ لیکن اگر تمہیں یقین ہے کہ تم ان سے وفا کرو گے چاہے تمہارے مال و اثاثے لٹ جائیں اور تمہارے اشراف مارے جائیں تو پھر اِنہیں یعنی رسول اللہ ا کو لے چلو اس میں تمہارے لئے اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی نفع ہی نفع ہے ‘‘۔ اس پر سب لوگوں نے حامی بھری اور آپؐ سے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسولؐ اگر ہم آپؐ سے وفا کریں تو ہمارے لئے کیا اس وفا کا کیا عوض ہے ؟آپؐ نے نہایت اطمینان اور اعتماد سے فرمایا:جنت!
اس پر سب لوگوں نے اپنے ہاتھ بڑھا دئیے اور یہ کہتے ہوئے عہد کیا:’’ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اللہ کے رسولؐ کی مکمل اطاعت میں ہم ہر حال میں لڑیں گے، چاہے مشکلوں میں ہوں یا خوشحالی میں، تنگ حال ہوں یا برے حالات میں، ہم کسی کے ساتھ برا نہیں کریں گے، ہر حال میں حق بات بولیں گے، اللہ کے معاملے میں ہم کسی قسم کا خوف نہیں کریں گے ‘‘۔ آپؐ نے ان سے اُن کے بارہ افراد طلب کئے جو اُن لوگوں کے معاملات کے کفیل ہوں۔ اہلِ مدینہ نے نو افراد قبیلۂ خزرج اور تین قبیلۂ اوس کے آگے بڑھائے، آپؐ نے اِن نقیبوں سے فرمایا کہ جس طرح عیسیٰ ابنِ مریم کے نقیب تھے جو اُن کے ذمہ دار تھے، اسی طرح تم بھی اپنی قوم کے کفیل ہو جیسا کہ میں اپنی قوم کا۔ اس کے بعد اہلِ مدینہ اپنے سامان کی طرف لوٹ گئے اور مدینے واپسی کی۔ اس بیعت کے بعد آپؐ نے مسلمانانِ مکہ کو حکم دیا کہ وہ چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں ہجرت کر کے مدینے چلے جائیں۔ مسلمان یا تو الگ الگ یا چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں مدینے کی طرف روانہ ہونے لگے۔ قریش کو جب اس بیعت کی بھنک لگی تو اُنہوں نے کوششیں کیں کہ مسلمانوں کو ہجرت نہ کرنے دیں اور اس کے لئے اُنہوں نے یہ تدبیر تک آزما لی کہ اگر شوہر ہجرت کر رہا ہے تو بیوی کو روک لیں، لیکن مسلمان بہرحال روانہ ہوتے رہے۔ آپؐ مکے ہی میں رہے اور یہ بات ظاہر نہ ہونے دی کہ آیا آپؐ بھی ہجرت کا ارادہ رکھتے ہیں یا مکے ہی میں قیام کریں گے۔ البتہ حضرت ابو بکرؓ ہی ایک ایسے شخص تھے جنہیں یہ انداز تھا کہ آپؐ بھی ہجرت کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ بار بار آپؐ سے ہجرت کی اجازت طلب فرماتے رہے اور حضورؐ اُنہیں جواب دیتے کہ جلدی مت کرو، ممکن ہے کہ اللہ تمہارے لئے ساتھی کر دے۔ اس سے حضرت ابو بکر کو یقین ہوا کہ آپؐ بھی ہجرت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ قریش کو ادھر یہ فکر لگی تھی کہ ایک تو مدینے میں پہلے ہی مسلمانوں کی بڑی تعداد ہے، اور وہاں انہیں کا بول بالا ہے، پھر مسلمان وہاں پہنچ رہے ہیں، ایسے میں حضور اکے ہجرت کرنے کے نتائج قریش کے لئے خوش آئند ہو ہی نہیں سکتے تھے۔ وہ یہ سمجھ رہے تھے کہ آپؐ کتنا بڑا خطرہ ہیں، اگر آپؐ مدینے ہجرت کر جاتے ہیں تو مسلمانوں کی طاقت میں اس اضافے کا مطلب قریش کا خاتمہ ہو گا۔ چنانچہ قریش نے بڑا غور فکر کیا کہ کس طرح آپؐ کو مدینے ہجرت کرنے سے روکا جائے۔ دوسرے قریش کو یہ خوف بھی تھا کہ اگر حضورؐ مکے ہی میں رکتے ہیں تو مسلمانوں کی مدینے میں طاقت ہونے کے باعث وہ آپؐ کا دفاع بھی کر سکتے ہیں، اسلئے آخر میں اُنہوں نے طے کیا کہ حضورؐ کا(نعوذ باللہ) قتل کر دیا جائے تاکہ وہ ہجرت نہ کر سکیں اور آئندہ کے لئے مسلمانوں سے جنگ کا کوئی امکان نہ رہ جائے۔
سیرت کی کتب میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور ابو امامہ بن سہم سے روایت ہے کہ جب بیعتِ عقبہ کے بعد وہ لوگ چلے گئے اور مسلمان ہجرت کی تیاری کرنے لگے تو قریش کی طرف سے اُن پر اذیتیں اور تعذیب اور بڑھا دی گئیں، جس پر صحابۂ نے آپؐ سے شکایت کی اور آپؐ نے جواب دیا کہ میں نے تمہیں تمہارا نیا وطن بتا دیا، سو اب وہاں کے لئے خروج کرو۔ ایک بار آپؐ قدرے خوش نظر آئے اور فرمایا کہ مجھے خبر دی گئی ہے کہ تم لوگ اپنی نئی جگہ ہجرت کر سکتے ہو اور یہ یثرب (مدینہ) ہے، سو جو چاہے وہ ہجرت کر سکتا ہے۔ لوگ مدینے ہجرت کرنے لگے کوئی اکیلے کر رہا اور کوئی بہت تھوڑے لوگ مل کر قافلے کی شکل میں لیکن نہایت راز داری سے۔ حضورؐ مکے ہی میں رہے، آپؐ اللہ تعالیٰ کے حکم کا انتظار کر رہے تھے، حضرت ابو بکر صدیق آپؐ سے ہجرت کی اجازت طلب فرماتے تو آپؐ یہی کہتے کہ کیوں جلدی کرتے ہو ممکن ہے اللہ تمہارے لئے ساتھی دیدے۔ ابو بکر صدیقؓ امید کرتے کہ یہ ساتھی خود آپؐ ہی ہوں۔ قریش نے جب دیکھا کہ اصحابِ رسول ہجرت کر رہے ہیں تو اُنہیں یقین ہو گیا کہ آپؐ اُن سے جنگ کا ارادہ رکھتے ہیں چنانچہ قریش دار الندوہ میں جمع ہوئے اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آپؐ کا (نعوذ باللہ) قتل کر دیا جائے۔ حضرت جبریلؑ تشریف لائے اور آپؐ کو قریش کے مذموم عزائم کی اطلاع دی اور یہ کہا کہ آپؐ آج شب اپنے اُس بسترپر نا سوئیں جس پر وہ روز سوتے ہیں۔ اب اللہ تعالیٰ کا آپؐ کو حکم ہوا کہ آپؐ بھی ہجرت کر جائیں۔
مدینے میں مسلمانوں کی خاصی طاقت، اہلِ مدینہ کی استعداد کہ وہ آپؐ کا استقبال کریں اور ایک اسلامی ریاست قائم کریں، یہی وہ وجوہات تھیں جو آپؐ کی ہجرت کا محرک تھیں۔ یہ ایک نہایت خطرناک غلطی ہو گی کہ بات پر یقین کیا جائے، یا اس کا ہلکا سا بھی شک ہو کہ آپؐ قریش کے ذریعہ قتل کئے جانے کے خوف سے ہجرت پر آمادہ ہوئے۔ آپؐ کبھی بھی قریش کے مظالم کو، یا اُن کے ذریعہ دی گئی اذیتوں کو خاطر میں نہیں لائے بلکہ اس کے برعکس آپؐ ہمیشہ اس بات کے لئے تیار تھے کہ اللہ کے دین کی راہ میں اپنی جان قربان کر دیں۔ یہی حقیقت ہے۔ آپؐ کی ہجرت اس بے لوث جذبے کے تحت ہوئی کہ اسلامی دعوت کو آگے بڑھایا جائے، ایک اسلامی ریاست قائم کی جائے جس سے دعوت کے کام کو پھیلایا جا سکے۔ قریش کا آپؐ کو قتل کرنے کا فیصلے اس غرض سے تھا کہ آپؐ مدینے ہجرت نہ کر پائیں جہاں آپؐ کو اقتدار اور حمایت حاصل ہوتی۔ لیکن وہ اپنے مقصد میں ناکام ہوئے۔ جیسا کہ قریش کو خوف تھا، ہجرت، اسلام کی دعوت کی تاریخ میں میں ایک نیا موڑ ثابت ہوئی۔ اب لوگوں کو اسلام کی طرف بلانے کے مرحلے کے بعد ایک اور مرحلہ تھا وہ یہ کہ ایک اسلامی معاشرہ تشکیل دیا جائے، ایک ریاست بنائی جائے جسکا اقتداراسلام سے ہو جو لوگوں کو دلیل و برہان، ثبوت اور رغبت دلا کر اسلام کی طرف مائل کرے اور ایک قوت ہو جو اس عمل کو ہر شیطانی اور شر کی قوت سے محفوظ کرے۔

ریاستِ ا سلامی کا قیام

حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم مدینہ تشریف لائے تو اہلِ مدینہ کی ایک بڑی تعداد آپؐ کے استقبال اور خوش آمدید کہنے کو اُمڈ پڑی، اِن میں مسلم بھی تھے، مشرکین بھی اور یہود بھی تھے۔ آپؐ کو مسلمانوں نے گھیر رکھا تھا جو آپؐ کواپنی مہمانی میں رکھنا چاہتے تھے تاکہ آپؐ آرام اور راحت سے رہ سکیں اور اُن کی خدمت کی جا سکے۔ وہ خود کو آپؐ اور دینِ اسلام کی دعوت کے لئے پیش کر رہے تھے اور اس دین کی خاطر اپنی جانوں کی بازی لگانے کے لئے آگے آگے تھے۔ ہر ایک چاہتا تھا کہ آپؐ کی میزبانی کا شرف اس کے حصّے آئے۔ آپؐ نے اپنی اونٹنی کی لگام چھوڑ دی جو سہل ابن عمرو اور سہیل ابن عمرو کے ایک گودام کے سامنے آ کر رُک گئی۔ اسی جگہ کوآپؐ نے بعد میں خرید کر لیا اور یہیں ایک مسجد اور اطراف میں اپنے گھر تعمیر کئے۔ مسجد کی تعمیر قدرے آسانی سے انجام پا گئی کیونکہ یہ کافی متواضع بنائی گئی اور اسی وجہ سے کم لاگت میں یہ کام انجام کو پہنچا۔ یہ محض ایک صحن تھا جس کے اطراف اینٹ اور گارے سے دیواریں بنائی گئیں، اس کے ایک حصہ پر کھجور کے تنوں کی چھت ڈالی گئی اور باقی حصہ کھلا رہنے دیا گیا۔ اس مسجد ہی کا ایک حصہ ایسے لوگوں کی رہائش بن گیا جن کے رہنے کا کوئی اور ٹھکانہ نہیں تھا۔ روشنی کے لئے صرف عشاء کی نماز کے وقت مشعلوں سے کا لیا جاتا تھا، اور باقی وقت میں کوئی روشنی نہیں ہوتی تھی۔ آپؐ کے گھر بھی اسی سادگی سے بنے تھے بس اُن میں روشنی بہتر تھی۔ جب تک یہ تعمیر مکمل ہوئی، آپؐ حضرت ابو ایوب انصاریؓ(خالد بن سیف الانصاريؓ) کے گھر مقیم رہے پھر اپنے گھر آ گئے جہاں آپؐ آخر تک رہے۔ آپؐ نئے حالات پر غور کرتے کہ اب اسلام کی دعوت ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی تھی، پہلے تثقیف(Culturing) کا مرحلہ تھا جس میں صحابۂ کرامؓ کی تربیت عمل میں آئی پھر تفاعلی مرحلہ آیا جس میں لوگوں تک دعوت کا پہنچانا تھا اور مرحلۂ تطبیق، جس میں تمام اسلامی احکام و قوانین کا پوری آبادی پر اور عوام کے مابین تعلقات پر اطلاق ہونا تھا، پہلے دور میں دعوت کے راستے میں آنے والی تکالیف پر صبر کرنا تھا، اور اب حکومت و اقتدار کا دور تھا جس میں مادّی قوت اس دعوت کی حمایت و حفاظت کے لئے میسّر تھی۔ اسی لئے آپؐ نے مدینہ آمد پر سب سے پہلے ایک مسجد کی تعمیر کا حکم دیا جو مسلمانوں کے لئے نماز کی، اُن کے مل بیٹھنے کی، آپسی مشوروں کی، مسلمانوں کے معاملات چلائے جانے کی اور اُن کے امور میں اُن پر حکم اور قضاء کا مرکز تھی۔ آپؐ نے ان کاموں کے نمٹانے کے لئے اپنے دو وزیر مقرر کئے، حضرت ابو بکر صدیق ؓ اور حضرت عمر ص، اور فرمایا : وَزِیرَاي فِي الأرض ابو بکر وَ عُمَر۔ یعنی زمین پر میرے دو وزیر ابو بکر ؓ اور عمرؓ ہیں۔ لوگ ہمیشہ آپ کے قریب رہتے، اور اپنے معاملات میں آپؐ سے مشورہ لیتے۔ آپؐ بیک وقت ایک ریاست کے سربراہ بھی تھے، قاضی بھی اور فوج کے سپہ سالار بھی، آپؐ مسلمانوں کے امور کا اہتمام بھی فرماتے اور آپسی تنازعات میں تسویہ بھی کرتے تھے۔ آپؐ فوجی دستے تشکیل دیتے، اُن پر افسر مقرر فرماتے اور اُنہیں مدینے کے خارج میں مختلف مہمات پر بھیجتے تھے۔ اس طرح آپؐ کے مدینے میں قیام کے پہلے دن سے ایک ریاست تشکیل پا گئی جس کے پاس اپنی قوت تھی کہ وہ ریاست کا تحفظ بھی کر سکے اور دعوت کی حمایت بھی۔ اب ا ن مادّی رکاوٹوں کو زائل کرنا تھا جو اس دعوت کی نشر میں حائل تھیں۔

معاشرے کی بناء

اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے انسانوں کو جو جبلتِ بقاء کی حِسّ سے نوازا ہے اُس کا ایک تقاضہ یہ ہے کہ انسان آپس میں مل کر رہیں، چنانچہ انسانوں کا مل کر رہنا ایک فطری اور قدرتی امر ہے۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ محض انسانوں کا ملنا، کسی معاشرے کو جنم نہیں دیتا، اس سے تو ایک صرف ایک جماعت پیدا ہوتی ہے، اور یہ ایک جماعت ہی کی شکل میں رہتی ہے جب تک محض اس ملنے پر ہی اکتفاء کر لیا جاتا ہے۔ لیکن اگراس سے آگے بڑھ کرآپس میں ایسے تعلقات استوار ہوں، جن میں مشترک مفادات ہوں اور مشترک خطرات سے حفاظت تو پھر معاشرے وجود میں آتے ہیں، البتہ کوئی ایک متحد معاشرہ نہیں جب تک کہ اِن تعلقات کے بارے میں نقطۂ نظر میں یکسانیت ہو، افکار میں وحدت ہو، آپسی رضا ایک ہو اور نا پسندیدگی میں یکسانیت، اُن کے احساسات میں ہم آہنگی اور ایک ایسا نظام ہو جس سے وہ اپنے مسائل کا حل اخذ کر سکیں، تو پھر معاشرہ وجود میں آتا ہے۔ اس لئے ضروری ہو جاتا ہے کہ ایک معاشرے میں موجود افکار، احساسات اور اُن پر قائم نظام کو پرکھا جائے، کیونکہ یہی ایک معاشرہ تشکیل دیتے ہیں اور انہیں سے کسی معاشرے کو کسی دوسرے معاشرے سے متمیز کیا جا سکتا ہے۔ اب رسولؐ کی مدینہ آمد کے وقت وہاں کے معاشرے پر ہم اسی بنیاد پر نظر ڈالیں گے، تاکہ اس کی ہئیت کو سمجھا جا سکے۔
مدینے میں اُس وقت تین جدا جدا جماعتیں بستی تھیں، پہلی جماعت مسلمانوں کی جن میں مہاجر اور انصار دونوں تھے اور اسی جماعت کی اکثریت تھی، دوسری جماعت مشرکین کی تھی جن میں قبائلِ اوس و خزرج کے وہ لوگ تھے جو ایمان نہیں لائے تھے اور اقلیت میں تھے جبکہ تیسری جماعت یہودیوں کی تھی۔ یہودیوں کی جماعت کو ہم چار اقسام میں منقسم کر سکتے ہیں، ایک قسم مدینے کے اندر تھی یعنی بنی قینقاع اور تین قسمیں مدینے کے باہر یعنی بنی نضیر، یہودِ خیبر اور بنی قریظہ۔ یہود گو کہ مدینے کے اندر بھی تھے اور معاشرے کے قریب بھی، لیکن وہ مدینے کے معاشرے کا حصہ کبھی نہیں تھے کیونکہ اُن کے افکار، اُن کے احساسات اور اُن کا نظام جس سے وہ اپنے معاملات طے کرتے تھے وہ اہلِ مدینہ سے مختلف تھا۔ رہے مشرک تو وہ تھے ہی بہت تھوڑے اور مدینے میں جو اسلامی ماحول کے زیر اثر تھے۔ اس بناء پر اِن مشرکین کا اسلامی معاشرے کے تابع رہنا، گو کہ وہ مسلم نہیں ہوئے تھے، قطعی نا گزیر تھا۔ رہے مہاجر اور انصار تو یہ ایک عقیدۂ اسلام پر تھے، چنانچہ ان کے افکار اور احساسات ایک تھے اور اسلام نے اِن کی زندگیوں اور معاملات کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ بنا دیا تھا۔ کیونکہ یہ ایک رشتۂ اسلام سے جڑے ہوئے تھے، اسلئے یہ فطری اور ناگزیر تھا کہ اِن کے معاملات، افکار واحساسات میں مطابقت ہو۔ اسلام ہی کی بناء پر آپؐ نے مسلمانوں کے آپسی تعلقات کو ڈھالا اور اُن کو ایک بھائی چارے کے رشتے میں پِرو دیا، ایسا بھائی چارہ جس کے مرتّب اثرات محسوس کئے جا سکتے ہوں، چاہے معاملہ آپسی ہو، تجارتی لین دین کا یا زندگی کے دیگر امور کا۔ اس کو ملحوظ رکھتے ہوئے آپؐ کے بھائی حضرت علی ابنِ ابی طالبؓ ہوئے، آپؐ کے غلام حضرت زید ص، آپؐ کے چچا حضرت حمزہ ؓ کے بھائی بنائے گئے، حضرت ابو بکرؓ کو خارجہ ابن زیدؓ کا بھائی بنایا گیا، اسی طرح مہاجرین و انصار میں یہی مؤاخات ہوئی، حضرت عمرؓ عتبان ابن مالک الخزرجی کے بھائی بنے، حضرت طلحہصؓ ابن عبید اللہ کو حضرت ابو ایوبؓ انصاری کا بھائی بنایا، حضرت عبد الرحمٰنؓ ابن عوف کو سعدص ابن ربیع کا بھائی۔ اس مؤاخات کا ایک مادّی پہلو بھی تھا، انصار اپنے مہاجر بھائیوں کے ساتھ نہایت فراخدلی سے پیش آئے جس نے اِن کے درمیان رشتوں کو ایک مضبوط بنیاد دی۔ انصار نے اپنے مال اور اثاثے مہاجرین کے ساتھ بانٹے، ساتھ زراعت کی اور تجارت میں بھی شریک بنایا۔ مہاجرین کے تاجروں نے تجارت شروع کر دی، حضرت عبدالرحمٰنؓ ابنِ عوف مکھن اور پنیر بیچا کرتے تھے اور اسی طرح دوسرے اپنی اپنی تجارت کرتے تھے۔ جس نے تجارت نہیں کی وہ زراعت کی طرف بڑھا، جیسے حضرت ابو بکرؓ، حضرت عمرؓ اور حضرت علیؓ اُن زمینوں پر کاشت کرتے تھے جو انصار نے اُنہیں دی تھیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ جس کسی کے پاس زمیں ہو وہ اُس پر کاشت کرے یا اپنے بھائی کو دیدے۔ اس طرح مسلمان اپنی روزی کما رہے تھے۔ ان کے علاوہ ایک چھوٹی سی جماعت اور تھی جن کے پاس نہ مال تھا اور نہ ہی کام، رہنے کے لئے گھر بھی میسر نہیں تھا، یہ ضرورت مند تھے۔ یہ لوگ نہ مہاجر تھے اور نہ ہی انصار، یہ عرب کے دوسرے علاقوں سے مدینے ائے تھے اور اسلام قبول کر لیا تھا۔ آپؐ نے اِن حضرات کو اپنی عنایت میں رکھا اور رہنے کے لئے مسجد کا وہ حصہ دیدیا جس پر چھت ڈالی گئی تھی، یہ لوگ وہیں رہتے اور وہیں ان کا ٹھکانہ تھا۔ یہی لوگ اصحاب صفہ کہلائے۔ مہاجرین و انصار میں سے وہ لوگ جنہیں اللہ تعالیٰ نے رزق میں وسعت عطا فرمائی تھی، وہ اِن کے لئے کھانے کا بندوبست کر دیتے تھے۔ اس طرح آپؐ نے مسلمانوں کے طرزِ زندگی اور آپسی تعلقات کو ایک مضبوط بنیاد پر تعمیر کیا اور اس طرح مدینے میں ایک معاشرہ وجود میں آیا جسکی پائیدار بنیادیں اتنی قوی تھیں کہ وہ ایک طرف تو کفر کے راستے میں آہنی دیوار ثابت ہو اور دوسری طرف مشرکین اور یہودیوں کی سازشوں اور چالاکیوں کی مزاحمت کر سکے۔ یہ اسلامی معاشرہ اور اس کی وحدت بدستور قائم رہی اور آپؐ اس سے مطمئن رہے۔ جہاں تک مشرکین مدینہ کا سوال ہے تو یہ اپنا کوئی اثر اس اسلامی معاشرے پر مرتب نہیں کر پائے، یہ لوگ خود کو اسلامی حکم کے تابع کر چکے تھے اور رفتہ رفتہ اِن کا وجود ختم ہو گیا۔ البتہ یہود کا معاملہ یہ تھا کہ انکا معاشرہ تو اسلام سے پہلے بھی اپنی جداگانہ حیثیت رکھتا تھا اور اسلام کے بعد اُنکے اور اسلامی معاشرے کا فرق اور یہودیوں اور مسلمانوں کا فرد کی حیثیت سے فرق واضح تر ہوتا گیا۔ اسلئے ضروری تھا کہ اُن سے تعلقات ایک معین بنیاد پر طے کئے جائیں۔ چنانچہ آپؐ نے مسلمانوں کے موقف وضع کئے جو ایک مسلمان کو ایک غیر مسلم سے تعلق کے لئے درکار تھے۔ مسلم ریاست کے افراد کے مابین تعلقات کو آپؐ باقاعدہ تحریر کر کے ایک کتابی شکل دی جس میں مہاجرین اور انصار کے ذکر کے ساتھ یہودیوں پر بھی شروط عائد کی گئیں۔ اس کتاب میں ایک طرف مسلمانوں کے درمیان رشتوں کی بنیاد، اور دوسری طرف یہودیوں کے مختلف قبائل سے مسلمانوں کے تعلقات کی بنیادیں وضع کی گئیں۔ کتاب کی شروعات اس طرح کی گئی :
بسم اللہ الرحمان الرحیم، ھذا کتابٌ من محمّدٍ النبی ابین المؤمنین المسلمین من قریشٍ و یثرب و من تبعھم فلحِقَ بھم و جَاھدَ معھم، أنَّھُم أُمۃ واحِدۃ مِن دُونِ النَّاس۔
شروع اللہ کے نام جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے، یہ کتاب محمدؐ کی طرف سے قریش (مہاجرین) کے اور یثرب (انصارِ مدینہ)مسلمانوں کے اور اُن کے جنہوں نے اِن کی اتباع کی(ایمان لائے )، ساتھ آ کر ملے اور ساتھ جہاد کیا، سو یہ لوگ دوسرے لوگوں سے جدا ایک امت ہیں۔
پھر لکھا گیا کہ مسلمانوں کے مابین تعلق کی بنیاد کیا ہو گی۔ مومنوں کے آپسی رشتوں کے بیان میں یہودیوں کا بھی ذکر کیا:’’ کوئی مومن کسی کافر کے لئے ایک مومن کو قتل نہیں کر سکتا۔ نہ ہی ایک مومن کسی مومن کے مقابلے ایک کافر کی مدد کر سکتا ہے۔ اللہ کی حفاظت سب کے لئے ہے اور یہ کسی کو مجبور نہیں کرتی۔ مسلمان دوسرے لوگوں سے جدا، آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ وہ یہود جو ہمارا اتباع کریں سو اُن کے لئے ہماری مدد ہے اور وہ برابر ہیں۔ اُن کے ساتھ کوئی ظلم نہیں ہو گا اور اُن کے کسی دشمن کو مدد نہیں دی جائے گی۔ مسلمانوں کا امن اور مصالحت ایک ہے۔ ایک مسلمان اللہ کے راستے میں قتال میں دوسرے مسلمان کو چھوڑ کر کسی سے امن نہیں کر سکتا سوائے اس کے کہ یہ عدل پر ہو‘‘۔ اس متن میں یہود سے مراد صرف وہی نہیں ہیں جو مدینے کے اطراف میں تھے، بلکہ ہر وہ شخص جو اس اسلامی ریاست کا حصہ بننا چاہے اور اس کے قانون کے تابع ہونا چاہے، اس کے لئے نصرت، مسلمانوں سے معاملات میں مساوات ہو گی اور وہ اس ریاست کا ذمی قرار پائے گا۔ اس کتاب میں جن یہود کا بالعموم ذکر کیا گیا اُن کی نشاندہی کتا ب کے آخر میں مسلمانوں کے تعلقات کے وضع کئے جانے کے بعد کی گئی ہے، اِن میں بنی عوف اور بنی نجار وغیرہ کے یہود شامل ہیں۔ اُن کی اسلامی ریاست میں حیثیت کا تعین کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں بڑی صراحت سے یہ بات طے کی گئی ہے کہ اُن کے مسلمانوں سے معاملات کے تعین کی بنیاد اسلام ہو گی اور وہ اسلامی قوانین کے ماتحت اور اسلامی ریاست کی رعیت کی حیثیت سے رہیں گے۔ اس میں یہ بات بھی صراحت سے ضبطِ تحریر لائی گئی ہے کہ یہود ہر اُس بات اور حکم کے پابند ہوں گے جو اسلامی ریاست کی مصلحت کے تقاضے کی بناء پر صادر کی جائے۔ ایسے چند نقاط حسبِ ذیل ہیں۔
۱)یہودیوں کے قریبی دوست، انہی کی طرح ہیں، یہ لوگ محمدؐ کی اجازت کے بغیر خروج نہیں کریں گے۔
۲)یثرب(مدینہ) اس صحیفہ میں لکھے گئے لوگوں کی پناہ گاہ ہو گی۔
۳)اس صحیفہ میں شامل لوگوں کے مابین اگر کوئی ایسی بات ہو جائے جس سے فساد یا برائی کا اندیشہ ہو، تو یہ معاملہ اللہ اور اس کے رسولؐ کی طرف(فیصلے کے لئے ) آئے گا۔
۴)قریشِ مکہ کو یا اُن کے حلیفوں کو پناہ نہیں دی جائے گی۔
اس طرح مدینے کے اطراف کے یہودیوں کی حیثیت کا تعین کیا گیا اور ان پر یہ پابندی عائد کی گئی کہ مدینہ چھوڑ کر نہیں جا سکتے سوائے آپؐ کی یعنی اسلامی ریاست کی اجازت کے ساتھ، اور یہ کہ وہ مدینے کی حرمت کے پابند ہوں گے یعنی وہ نہ تو مدینے پر جنگ کر سکیں گے اور نہ کسی ایسے فریق کی مدد کریں گے جو مدینے پر حملہ کرے، وہ نہ تو قریشِ مکہ کو اور نہ اُن کے کسی حلیف کو پناہ دیں گے، اور یہ کہ اُن کے کسی بھی معاملے میں اختلاف کی صورت میں فیصلہ حضورؐ فرمائیں گے۔ یہودی ان شرائط کو مان گئے اور اُن کے قبائل جیسے، بنی عوف، بنی نجار، بنی حارث، بنی ساعدہ، بنی جشم، بنی الأوس، بنی ثعلبہ کے یہودیوں نے اس کتاب یا صحیفہ پر اپنے دستخط کئے۔ اس کتاب پر بنی قریظہ، بنی نضیر اور بنو قینقاع اس وقت اس وقت شامل نہیں ہوئے لیکن اس کے تھوڑے ہی عرصے بعد وہ بھی اُن شرائط کو مان گئے اور دستخط کر دئے۔ اب سارے یہود اسلامی ریاست کے تابع اور اس کے قانون کے پابند ہو گئے تھے۔
اس معاہدے کی رو آپؐ نے تمام اہلِ مدینہ اور آس پاس کے یہودیوں کے تعلقات و معاملات کو ایک ریاست کے تابع کر دیا جو ابھی وجود پذیر ہی تھی اور اِن یہودیوں کے ساتھ ساتھ آس پاس کے یہودیوں کے معاملات کو واضح طور پر اسلامی حکم کا پابند بنا دیا۔ اب اس معاہدے کی رو سے یہودیوں کی طرف سے کسی غدّاری یا کوئی اور حرکت کا فوری خطرہ نہیں تھا اور اس ریاست کی معاشرتی بنیاد مستحکم تھی، اس بات پر آپؐ نے اطمینان کیا اور اپنی توجہ کسی پیش آئندہ جنگ کی تیاری کی طرف کر دی تاکہ دعوتِ اسلامی کی راہ میں حائل ممکنہ مادّی رکاوٹوں کو ہٹا سکیں۔

قتال کی تیاری

اب جبکہ آپؐ مدینے کے معاشرے کی طرف سے مطمئن ہو گئے اور پڑوسی یہودیوں سے معاہدات ہو گئے تو آپؐ نے مدینے میں جہاد کی تیاری شروع کی، کیونکہ اسلامی ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے علاقۂ اقتدار میں اسلامی احکامات کو مکمل طور پر نافذ کرے اور اپنی سرحدوں سے باہراسلامی دعوت پہنچائے۔ اسلامی دعوت یا پیغام کے پہنچانے کا مطلب صرف یہ نہیں ہوتا کہ کسی عیسائی مشنری کی طرح، بلکہ اس میں اسلام کی طرف دعوت دینا، لوگوں کی اسلامی افکار اور احکامات میں تربیت کرنا اور اس دعوت کے راستے میں حائل کسی بھی مادی رکاوٹ کو بذریعہ ایسی قوت سے زائل کرنا جو اس کی اہل ہو، بھی شامل ہیں۔
قریش اسلامی دعوت کے راستے میں ایک مادی رکاوٹ ہی بنے ہوئے تھے اور یہ ضروری تھا کہ ایک ایسی قوت تیار کی جائے جو اِن کو زائل کر سکے۔ اس غرض سے اور اسلام کی دعوت کو آگے بڑھانے کی غرض سے اب ایک فوج کے بنانے کی تیاری شروع ہوئی۔ آپؐ نے قصداً کچھ اقدامات کئے جن کا مقصد ایک طرف تو قریش کو للکارنا مقصود تھا اور دوسری طرف مدینے اور آس پاس کے یہودیوں اور منافقین پر رعب طاری کرنا تھا۔ اس طرح آپؐ نے چار ماہ کے دوران تین مہمات مدینے کے باہر بھیجیں۔ ایک مہم میں انصار کو چھوڑ کر تیس مہاجرین پر مشتمل ایک ٹکڑی حضرت حمزہ ابن عبدالمطلبؓ کی سربراہی میں بھیجی، جو العیصؔ کے مقام پر سمندر کے کنارے ابوجہل ابن ھشام کی سربراہی میں تین سو افراد کی فوج سے ٹکرائی۔ قریب تھا کہ ان کے مابین معرکہ ہوتا لیکن مجدي بن عمرو الجہني کے بیچ میں آنے سے یہ ٹل گیا اور حضرت حمزہ بغیر قتال کئے مدینے واپس پہنچے۔ اسی طرح ایک اور ٹکڑی آپؐ نے حضرت ابو عبیدہ بن الحارث ؓ کی قیادت میں روانہ کی، اس میں صرف مہاجرین تھے جن کی تعداد ساٹھ تھی۔ ان کا سامنا عکرمہ بن ابی جہل سے وادیِ رابغ ؔ میں ہوا، اس میں صرف ایک تیر چلا جو حضرت سعد ابن ابی وقاص ؓ نے چلایا تھا۔ پھر فریقین علیحدہ ہو گئے اور کوئی مقابلہ آرائی نہیں ہوئی۔ اس کے بعد حضرت سعد ابن ابی وقاص ؓ کو بیس سواروں کی ٹکڑی کی قیادت دے کر مکے کی جانب بھیجا گیا۔ یہ ٹکڑی بھی بغیر معرکہ آرائی کے لوٹ آئی۔ ان مہمات سے ایک تو مدینے میں جہاد کی فضاء بنی اور دوسری طرف قریش پر جنگ کی ہیبت طاری ہو گئی اور حضور اسے اب خطرہ محسوس کرنے لگے جو پہلے کبھی نہیں کیا تھا اور اگر یہ مہمات نہ بھیجی گئی ہوتیں، تو اُن پر یہ ہیبت طاری نہ ہوتی۔ آپؐ نے محض اتنے پر اکتفاء نہ کیا بلکہ ہجرت کا ایک سال پورا ہونے کے موقع پر آپؐ خود ایک مہم پر روانہ ہوئے، ساتھ میں حضرت سعد ابن عبادہ بھی تھے، آپؐ قریش اور بنی ضمرہ کو تلاش کرتے ہوئے الأبوا اور پھر ودّان تک پہنچے۔ قریش تو نہیں ملے، البتہ بنی ضمرہ نے آپؐ سے امن کر لیا۔ اس کے ایک مہینے کے بعد آپ دو سو انصار اور مہاجرین پر مشتمل ایک ٹکڑی کے ساتھ بواط، امیہ بن خلف کی قیادت میں ایک قافلے کی ٹوہ کے لئے نکلے۔ اس قافلے میں ایک سو لڑاکو تھے اور دو ہزار پانسومویشی۔ اس بار بھی مقابلہ نہیں ہوا کیونکہ یہ قافلہ ایک ایسے راستے سے نکل گیا جس پر عام طور سے نہیں جاتا تھا۔ اس کے تین ماہ بعد ابو سلمہ بن عبد الاسد ؓ کو مدینے کی ذمہ داری دے کر آپؐ دو سو افراد کی فوج کے ہمراہ ینبعؔ میں العشیرؔہ پہنچے، یہ بات جمادیٰ الاول کے آخر کی ہے، وہیں آپؐ نے جمادی الآخر کے ابتدائی دنوں تک قریش کی ایک فوج کا انتظار کیا جو ابو سفیان کی قیادت کی قیادت میں تھی۔ یہ ہجری کا دوسرا سال تھا، بہرحال قریش کے قافلے سے ٹکراؤ نہیں ہوا لیکن یہ مہم رائے گاؑ نہ گئی، اس کے دوران بنی مدلج اور اُن کے حلیف، بنی ضمرہ کے قبائل سے معاہدے ہوئے۔ ابھی اس مہم سے مدینے واپسی کو دس دن ہی گزرے تھے کہ قریش کے ایک حلیف کرز بن جابر الفہري نے مدینے کے اونٹوں اور مویشیوں پر حملہ کیا، آپؐ مدینے کی ذمہ داری حضرت زید ابن حارثہ کو سونپ کر، اس کی تلاش میں روانہ ہوئے اور بدر کی جانب سفوان کی وادی تک پیچھا کیا لیکن وہ پکڑا نہ جا سکا، یہ بدر کی شروعات تھی۔
اس طرح ان مہمات نے مسلم فوجوں کی ایک دھاک بٹھا دی۔ حالانکہ اِن مہمات میں کوئی باقاعدہ لڑائی نہیں ہوئی تاہم یہ بڑی عظیم کامیابی رہی کیونکہ اس یہ ہوا کہ مسلمان افواج کی بڑی جنگوں کے لئے ریاضت ہو گئی۔ مزید یہ کہ اس سے مدینے اور اطراف کے یہود اور منافقین پر ایک ہیبت میں ڈال دیا کہ اگر وہ کسی قسم کی مہم جوئی کے بارے میں سو چ بھی رہے ہوں تو باز آ جائیں۔ قریش کی ہمتیں پست ہوئیں اور دشمنوں کے دل میں رعب چھا گیا۔ پھر اس کا فائدہ یہ بھی ہوا کہ مدینے اور بحر احمر کے درمیان جو قبائل آباد تھے جیسے بنی مُدلج اور بنی ضمرہ اُن سے معاہدات ہو گئے اور یہ قبائل مکے اور شام کے تجارتی راستے میں تھے۔

قتال کی شروعات

حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلّم مدینے میں مسلسل اسلامی احکام کو معاشرے پر نافذ کرتے رہے اور اب اسلامی قانون یعنی تشریعی آیات کا نزول ہونے لگا۔ ایک طرف تو آپؐ اسلامی ریاست کو مضبوط کر رہے تھے اور دوسری طرف معاشرے کو اسلام اور اس کے نظام پر استوار کر رہے تھے۔ مسلمانوں کے درمیان بھائی چارہ ہوا اور اسلام معاشرے میں بحیثیت احکام اور تشریع کے نافذ ہوا تواب یہ زندگی سے بھر گیا تھا کیونکہ ایک معاشرے نے اس کی دعوت کو اپنے ذمہ کر لیا تھا، اور مسلمانوں کی تعدادمیں روز افزوں اضافہ ہو رہا تھا، ساتھ ہی اس کی طاقت اور مزاحمتی قوت بھی بڑھ رہی تھی۔ مشرکین اور یہود بحیثیت فرد اور جماعت کی شکلوں میں اسلام میں شامل ہو رہے تھے۔ اب مدینے کے اندر اسلام اور اس کی دعوت کی طرف سے آپؐ مطمئن ہوئے تو سارے عرب میں دعوت پر توجہ فرمائی۔ لیکن آپؐ یہ بات اچھی طرح جانتے تھے کہ قریش اس دعوت کی راہ میں ایک مادی رکاوٹ ہیں اور اِن پر اسلام کے معقول دلائل و برہان کا قطعی اثر ہونے والا نہیں، یہ تو مادی قوت سے ہی قابو میں آ سکتے ہیں۔ جب تک آپؐ مکے میں رہے، یہ ناممکن تھا کیونکہ اسلام کے پاس کوئی ریاست نہ تھی جو ایک ایسی فوج تیار کر سکے جو ایسی مادی رکاوٹوں کے ازالے کے لئے ناگزیر ہیں۔ لیکن اب ایک اسلامی ریاست موجود تھی اور یہ کر سکتی تھی کہ دعوت میں رکاوٹ اور روڑہ بننے والی ہر قوت کو اپنے زورِ بازو سے زیر کر دے۔ اب کیونکہ وسائل مہیا تھے، ضرورت طرف اس بات کی تھی کہ ایک جنگی فضاء قائم کی جائے اور ایک متعین پالیسی کے تحت دعوت کو آگے بڑھایا جائے۔
اسی غرض سے آپؐ نے فوجی مہمات شروع کی تھیں جن میں سے بعض میں آپؐ خود بھی شریک رہے تھے کہ قریش پر اسلامی قوت کی دھاک بیٹھ جائے۔ ان مہمات میں سب سے بعد کی مہم وہ تھی جو حضرت عبداللہ ابن جحش ؓ کی قیادت میں رجب ۲ھ میں روانہ کیا گیا۔ یہ بدر کی شروعات کہی جا سکتی ہے۔ اس ٹکڑی میں حضرت عبد اللہؓ کے ساتھ مہاجرین کی ایک جماعت تھی اور آپؐ نے ایک خط دیا تھا اس حکم کے ساتھ کہ اسے دو دن کے بعد ہی کھولا جائے، اور کسی بھی ساتھی پر کوئی سختی نا کی جائے۔ حسبِ حکم جب حضرت عبد اللہؓ نے وہ خط کھولا تو اُس میں لکھا تھا:’’یہ خط پڑھنے کے بعد مکہ اور طائف کے درمیان نخل میں پہنچو اور قریش پر نگاہ رکھو، اور ہمیں اُن کے حالات سے آگاہ کرو‘‘۔ اُنہوں نے اپنے ساتھیوں کو آپؐ کا حکم سنایا اور بتایا کہ یہ حکم بھی دیا ہے کہ کسی پر سختی نا کی جائے۔ یہ لوگ چلتے رہے، حضرت سعد بن ابی وقاصؓ اور عتبہ ابن غزوانؓ جو ایک اونٹ پر باری باریسوار ہوتے تھے، وہ گم گیا تو یہ دونوں اسے ڈھونڈنے میں بھٹک گئے۔ ادھر حضرت عبداللہؓ نخلؔ میں قریش کی تاک میں بیٹھے تھے کہ ایک کارواں گزرا جس میں کچھ تجارتی سامان تھا۔ یہ رجب کے آخری دن تھے جو حرمات کا مہینہ تھا، چنانچہ حضرت عبداللہؓ نے اپنے ساتھیوں سے مشورہ کیا، لوگوں کی رائے یہ تھی اس معاملے میں ہمیں کوئی مخصوص حکم نہیں ہے، لیکن اگر ہم اِنہیں آج کی آپؐ رات چھوڑ دیتے ہیں تو یہ حرم میں داخل ہو جائیں گے اور ہماری زد سے باہر بھی، لیکن اگر ہم لڑتے ہیں تو یہ حرام مہینوں میں لڑائی ہو گی۔ لڑائی کے تعلق سے اس تردد اور تذبذب کے بعد وہ حتمی نتیجے پر پہنچے اور ایک تیر قافلے پر پھینکا جو قافلے کے سردارعمرو بن الحضرمی کے لگا اور وہ مارا گیا۔ مسلمانوں نے قریش کے دو آدمیوں کو قیدی بنا یا، سامان اپنے قبضے میں لیا اور مدینے لوٹ آئے۔ جب آپؐ نے دیکھا تو فرمایا کہ ’’میں نے تمہیں حرام مہینے میں قتل کا حکم نہیں دیا تھا۔ آپؐ نے کارواں کو روک لیا اور قیدیوں کو بھی لیکن اس میں سے کوئی چیز نہیں لی۔
قریش کی ٹوہ میں بھیجے گئے حضر ت عبداللہ کی مہم کا خلاصہ یہ ہوا کہ ایک ٹکڑی کو اس غرض سے بھیجا تھا کہ وہ قریش کی خبر لائے، لیکن ہوا یہ کہ حملہ ہوا، ایک قتل ہوا، قیدی بنائے گئے اور سامان ضبط کیا گیا اور یہ سب رجب کے حرام مہینے میں۔ اب اس معاملے میں اسلام کا موقف کیا ہو گا؟آپؐ اسی پر غور فرما رہے تھے اور اللہ کے حکم کا انتظار کر رہے تھے، اسی لئے آپؐ نے قیدیوں اور مال کے معاملے کو جوں کا توں رکھا۔ قریش نے اس موقع کو وسیلہ بنا کر آپؐ اور مسلمانوں پر الزام تراشی کی اور سارے عرب میں یہ بات پھیلائی کہ محمدؐ اور اُن کے اصحابؓ نے حرام مہینوں کی حرمت کا پاس نہیں رکھا اور قتال کیا، سامان ضبط کیا اور آدمیوں کو قیدی بنایا۔ مکے میں جو مسلمان بچے تھے، اُن سے بھی قریش الجھے، اُن مسلمانوں نے یہ صفائی پیش کی کہ یہ معاملہ شعبان میں ہوا تھا نہ کہ رجب میں لیکن یہ وضاحت کافی نہیں تھی، اس سے قریش کے پروپگنڈے پر اثر نہیں پڑا۔ یہودی بھی قریش کا ساتھ دینے لگے اور عبداللہ ابن جحش ؓ پر الزام لگانے لگے۔ اس کا اثر مسلمانوں پر بھی خاطر خواہ پڑا، ادھر آپؐ اس معاملے میں اللہ تعالیٰ کے حکم کا انتظار کر رہے تھے جو سورۂ بقر کی یہ آیات تھیں :
(ترجمہ معانیِ قرآن: سورۂ بقر: آیت:۲۱۷)
اب اِن آیات کے نازل ہونے پر آپؐ نے مالِ غنیمت تقسیم کیا اور قریش کے دو قیدیوں کے عوض حضرت سعد ابن ابی وقاصؓ اور عتبہ ابن غزوانؓ کی رہائی حاصل کی۔ یہ آیات قریش کی الزام تراشیوں کا کڑا جواب تھیں۔ قریش کا یہ کہنا تھا کہ حرمات کے مہینوں میں قتال ایک بڑا جرم ہے، قرآن نے جواب دیا کہ اس سے بڑا جرم لوگوں کو حرمِ کعبہ سے دور رکھنا اور وہاں سے بھگا دینا ہے۔ قریش کے مظالم کے مسلمانوں کو اُن کے دین کے سبب، ڈرایا جائے، تعذیب کی جائے، اور حراساں کیا جائے یہ بڑے جرم ہیں بنسبت اس کے کہ حرمات کے مہینوں میں قتال کرنا۔ قریش نے بلا توقف مسلمانوں پر مظالم کئے تاکہ اُن کو اُن کے دین سے ہٹا سکیں، اسلئے اب مسلمانوں کو یہ حق تھا کہ وہ اِن مہینوں میں بھی قتال کریں، اُن کے لئے کوئی چیز مانع نہیں ہو گی۔ یہ قریش ہی تھے جو دعوت کی راہ میں آڑ بن کر، لوگوں کو اللہ کے راستے سے دور کر کے، اللہ سے کفر کر کے، مسلمانوں کو مسجدِ حرام سے بھگا کر اور اُن پر مظالم کر کے اس سے بڑے جرم اور گناہ کے مرتکب ہو رہے تھے۔ اُن کے لئے یہی ٹھیک ہے کہ اُن سے جب مناسب ہو تب قتال کیا جائے، خواہ وہ ماہ حرمات کے ہوں یا دیگر۔
چنانچہ حضرت عبداللہ ابن جحشؓ کی معرکہ آرائی نا اُن کے لئے اور نا مسلمانوں کے لئے باعثِ شرم تھی، بلکہ یہ تاریخِ اسلام میں ایک موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، یہاں یہ طے ہوا کہ اسلامی دعوت کی کیا سیاست(پالیسی) ہونا چاہئے۔ اس میں واقد ابن عبد اللہ التمیمیؓ کا پھنکا ہوا تیر عمرو الحضرمیؔ کو لگا اور وہ ہلاک ہوا، یہ پہلا خون تھا جو اللہ کے راستے میں (کافر کا)بہایا گیا۔
ان آیات سے پہلے حرام مہینوں میں قتال کی ممانعت تھی، اب مسلمان کسی بھی جگہ، کسی بھی وقت لڑسکتے تھے، اِن آیات میں حکمِ عمومی سے پہلے کی پابندی منسوخ ہو گئی۔

مدینے کی زندگی

اسلام کا ایک مخصوص طریقۂ حیات ہے جواسلام کی زندگی کے بارے میں افکار سے برآمد ہوتا ہے۔ یہ اور تمام تہذیبوں سے جدا تہذیب ہے۔ اس کی تین خصوصیات ہیں جواس کو امتیازی حیثیت دیتی ہیں :پہلی یہ کہ جس بنیاد پر یہ قائم ہے وہ ہے اسلامی عقیدہ، دوسری اہم بات یہ کہ زندگی کے اعمال کی بنیاد اللہ تعالیٰ کے اوامر و نواہی ہیں یعنی بالفاظِ دیگر زندگی کی تصویر کی بنیاد حلال و حرام ہیں، تیسری امتیازی شان یہ ہے کہ یہاں خوشی کے معنی اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے یعنی حقیقی اور دائمی سکون اللہ تعالیٰ کی رضا ہی میں ہے۔ یہ اسلامی زندگی ہے جو ایک مسلمان کا منتہاء ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے یہ ناگزیر ہے کہ ایک اسلامی ریاست ہو جو اسلامی احکام کو مکمل طور پراور بغیر کسی استثناء کے جاری اور نافذ کرے۔ مسلمان جب ہجرت کر کے مدینے آئے تو اُن کا طرزِ زندگی امتیازی تھا، جس کی بنیاد اسلامی عقیدہ تھا۔ اب معاملات اور عقوبات سے متعلق اللہ تعالیٰ کے احکام آیات کی شکل میں نازل ہوئے۔ عبادات سے متعلق بھی احکام نازل ہوئے جو اب تک نہیں ہوئے تھے۔ ہجرت کے دوسرے سال میں زکوٰۃ، اور روزے فرض ہوئے اور اذان شرع ہوئی، اہلِ مدینہ نے حضرت بلال ابن رباح رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی میٹھی آواز میں ہر دن پانچ بار اہلِ ایمان کو بلاتے سنا، اور مسلمان اس آواز پر لبیک کہتے ہوئے نمازوں کے لئے نکلتے۔ ابھی آپؐ مدینے میں سترہ ماہ ہی رہے ہوں گے کہ قبلہ بدل کر کعبہ کو کیا گیا۔ اسی طرح احکام سے متعلق، کھانے پینے سے متعلق، اخلاق، معاملات اور عقوبات سے متعلق آیات نازل ہوئیں۔ اِن آیات میں نشہ اور خنزیر کو حرام کر دیا گیا، حدود اور جنائیات کے احکام نازل ہوئے، تجارت اور سود کے بارے میں آیات نازل ہوئیں۔ اس کے علاوہ اور بھی امور تھے۔ جب بھی اللہ تعالیٰ کا امورِ حیات سے متعلق کوئی حکم نازل ہوتا، آپؐ اسے لوگوں کو سناتے، سمجھاتے، اور اس پر پابندی کا حکم دیتے۔ آپؐ مسلمانوں کے امور کا اہتمام فرماتے، اُن کے لوگوں کی بھلائی کے فیصلے کرتے، اُن کے تنازعات میں تسویہ کرتے، اُن کے معاملات اور امور کی دیکھ بھال کرتے اور مشکلوں کو سلجھاتے۔ یہ سب کبھی آپؐ اپنے قول سے کرتے، کبھی اپنے افعال سے جو آپؐ انجام دیتے، اور کبھی اُن افعال پر اپنی خاموشی سے جو آپؐ کے سامنے سرزد ہوتے، کیونکہ آپؐ کا قول، فعل اور خاموشی تینوں ہی شریعت کے ماخذ ہیں۔
(ترجمہ معانی قرآن: سورۂ نجم: آیت۴، ۳)
مدینے میں زندگی ایک معین نقطۂ نظر پر رواں تھی جو کہ اسلام کا نقطۂ نظر ہے۔ مدینے کی زندگی اس بناء پر متمیز اور دوسرے معاشروں سے الگ تھی کہ وہاں افکار، احساسات اور وہ نظام جس سے معاملاتِ زندگی حل ہو رہے تھے سب اسلامی تھے۔ آپؐ اس بات پر خوش تھے کہ دعوت اب اس مقام پر پہنچ گئی تھی اور مسلمان انفرادی اور اجتماعی طور پر اسلام کے احکام اور اوامر پر بغیر کسی خوف و خدشے کے کاربند تھے۔ لوگوں کے مسائل اللہ تعالیٰ کے احکام سے حل ہو رہے تھے، اور جو کوئی نیا مسئلہ سامنے آتا وہ آپؐ کے پاس فیصلے کے لئے آتا اور کوئی اپنی حدود سے تجاوز نہیں کر رہا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے احکام کا زندگی کے ہر گوشے میں انطباق ہو رہا تھا اور اس سے لوگوں کی زندگیاں پر سکون ہو رہی تھیں۔ لوگ آپؐ کے آس پاس رہتے تاکہ علم حاصل کریں، قرآن سیکھیں اور یاد کریں۔ اسلام ترقی کر رہا تھا اور دعوت پھیل رہی تھی، مسلمانوں کی اور اسلام کی طاقت بڑھتی جا رہی تھی۔

یہود اور عیسائیوں کے مباحث و مجادلے

غیر مسلموں کو مسلمانوں کی قوت کا اندازہ بہت جلد ہو گیا۔ وہ یہ جان رہے تھے کہ مسلمانوں کی قوت اس بات سے ہے کہ یہ اسلام کی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے تیار رہتے ہیں، ایسے دل جو اسلام کے لئے اپنی جان دینے میں دریغ نہیں کرتے۔ مسلمان اپنے اعمال میں ایسے مگن ہیں کہ یہ صبح ہونے پر شام کا شام ہونے پر صبح کا انتظار نہیں کرتے۔ مسلمان اپنے دین سے خوش ہیں، اس کے احکام نافذ کرتے ہیں، اس کا کلمہ بلند کرتے ہیں اور اسی میں خوش ہیں۔ اسلام کے دشمنوں کو یہ بات ہضم نہیں ہوتی تھی۔ اس کے اثرات سب سے پہلے مدینے کے آس پاس کے یہودیوں میں نظر آئے۔ اسلام کی طرف لوگوں کا رجحان اور اسلام کی طاقت میں ترقی، یہ ایسی چیزیں تھیں جن سے اِن یہود کو خطرہ محسوس ہوا اور وہ اسلام اور آپؐ کے حوالے سے اپنے موقف پر نظر ثانی کرنے لگے۔ یہودی اس بات پر شدید برہم تھے کہ اُن کے ہی کئی لوگ اسلام قبول کر رہے تھے اور اس سے یہودیوں کو یہ خطرہ لاحق ہوا کہ اسلام پھیل کر اُن پر ہی نہ چھا جائے، اس غرض سے وہ اسلام، اس کے عقائد اور احکام پر حملے کرنے لگے اور یہ حملے اُن حملوں سے زیادہ شدید اور سازشی تھے جو مکے کے قریش کیا کرتے تھے۔ یہودیوں کے پاس ایسی فکری جنگ کے لئے اسلحہ بھی کافی تھا، سازشیں، مکر، نفاق، سابقہ انبیاء کے حالات و واقعات سے اُنکی واقفیت۔ انکے کچھ پیشوا بظاہر مسلمان بھی ہوئے، مسلمانوں میں بیٹھتے، اپنے تقوے کا اظہار کرتے۔ لیکن اُن کے شکوک اور غیر یقینی بھی عیاں ہو گئی، یہ لوگ آپؐ سے اس غرض سے سوالات کرتے کہ مسلمانوں کا اسلامی عقیدے سے یقین ماند پڑ جائے۔ اوس و خزرج کے کچھ اور لوگ جو انہی کی طرح محض بظاہر اسلام لائے تھے، اِن کا ساتھ دیتے تھے تاکہ مسلمان تذبذب اور تردد کا شکار ہوں اور اِن میں دشمنی اور مخاصمت پڑ جائے۔ اس حقیقت کے باوجود کے آپس میں معاہدے تھے، ایسے مجادلے بسا اوقات ہا تھا پائی کی شکل اختیار کر لیتے تھے جیسا کہ حضرت ابو بکرؓ کے ساتھ ہوا جو کہ ایک نہایت مدبر، دانا اور سلجھی ہوئی شخصیت کے حامل تھے۔ باوجود اس کے فریقین کے مابین معاہدات تھے، ایسے مجادلے بسا اوقات ہا تھا پائی کی شکل اختیار کر لیتے۔ اس کی ایک مثال حضرت ابو بکرؓ کی ہے جو ایک نہایت مدبر، دانا اور سلجھی ہوئی طبیعت کے حامل تھے۔ واقعہ یہ ہوا کہ حضرت ابو بکرؓ فنحاص ؔ نامی ایک یہودی کو اللہ کو خوف دلا رہے تھے اور اسلام کی دعوت دے رہے تھے۔ اس نے جواد دیا کہ ہم اللہ کی طرح فقیر نہیں ہیں، بلکہ وہ خود فقیر ہے۔ ہم اس کے محتاج نہیں بلکہ وہ ہمارا محتاج ہے۔ اگر وہ ہمارا محتاج نہ ہوتا تو ہم سے قرض نہ مانگتا۔ جیسا کہ تمہارے نبی ا بتاتے ہیں اس نے تم پر تو سود حرام کر دیا ہے اور ہمارے لئے حلال کیا ہے۔ اگر وہ ہمارا محتاج نہ ہوتا تو ہمیں سود کیوں دیتا۔ فنحاصؔ دراصل اللہ تعالی کے اس فرمان کا حوالہ دے رہا تھا:
(ترجمہ معانی : سورۂ بقر:آیت:۲۴۵)
اس پر حضرت ابوبکرؓ سے رہا نہ گیا اور اُنہوں نے یہودی کے منہ پریہ کہتے ہوئے طمانچہ مار دیا کہ اے اللہ کے دشمن اگر ہمارے آپس میں معاہدہ نہ ہوتا تو میں تیرا سر قلم کر دیتا۔ اس طرح مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان بحثیں کافی عرصہ تک چلتی رہیں۔ اس اثناء میں نجران سے ساٹھ عیسائیوں کا ایک وفد مدینے آیا، اُنہیں یہ علم رہا ہو گا کہ مدینے میں مسلمان اور یہودی آپس میں بھڑے ہوئے ہیں، سو اُن کا مقصد تھا کہ کسی طرح اس بحث و مباحثے کو استعمال کر کے مسلمان اور یہودیوں میں دشمنی کر دی جائے، تاکہ پھر اس دینِ قدیم(یہودیت) اور دینِ جدید(اسلام)کے معرکے سے یہ دونوں کمزور ہو جائیں اور عیسائیت کا بول بالا ہو جائے۔ یہ وفد نبی کریمؐ اور یہودیوں سے ملا۔ آپؐ بہرحال نصرانی اور یہودیوں کو اہلِ کتاب ہی مانتے تھے اور دونوں کو ہی اسلام کی دعوت دیتے اور دونوں کو اللہ تعالیٰ کا یہ پیغام سناتے تھے :
(ترجمہ معانی : سورۂ آل عمران:آیت:۶۴)
یہودی اور عیسائیوں کے اس سوال کے بارے میں کہ آپؐ انبیاء میں سے کس کو مانتے ہیں آپؐ اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد سناتے:
(ترجمہ معانی : سورۂ بقر:آیت:۱۳۶)
اب اُن کے پاس کہنے کو اور نہ رہ جاتا، اُن کے قلوب اس حقیقت کو سمجھتے تھے لیکن وہ ایمان نہیں لاتے تھے کیونکہ ایسا کرنے سے اُن کی قوم میں اُن کے شرف کا مقام ختم ہو جاتا۔ یہ بات اُن میں سے بعض نے تسلیم بھی کی، مثلاً نجران کے وفد کا ایک شخص ابو حارثہ جو اس وفد میں اپنے علم و مرتبے میں بلند پایہ کا تھا، اس سے جب اس کے ایک ساتھی نے سوال کیا کہ اب تمہیں کیا بار اسلام قبول کرنے سے روک رہی ہے ؟ تو اس نے کہا:’’جس طرح رومیوں نے ہمیں مال، عزت اور اعزاز سے نوازا ہے، اور ہمیں اس کی(اسلام کی) مخالفت کرنے کو کہا ہے، اگر ہم اسے تسلیم کر لیں تو وہ(نصرانی رومی) ہم سے یہ سب چھین لیں گے ‘‘۔ اس سے یہ اچھی طرح ثابت ہوتا ہے کہ جو چیز انہیں اسلام قبول کرنے سے روک رہی تھی وہ اِن کا اپنا ذاتی مفاد اور اپنی ہٹ دھرمی تھی۔ پھر آپؐ نے عیسائیوں کو قرآن حکیم کی یہ آیات سنائیں اور ایک مباہلے کی دعوت دی:
(ترجمہ معانی : سورۂ آل عمران:آیت:۶۱)
اس وفد نے آپس میں مشورہ کیا اور کہا کہ ہم آپؐ سے مباہلہ کرنا نہیں چاہتے، آپؐ اپنے دین پر قائم رہیں اور ہم اپنے دین پر، ساتھ ہی یہ عرض کی کہ آپؐ اُن کے ساتھ کسی ایسے شخص کو بھیج دیں جو اُن کے (عیسائیوں کے ) درمیان مالی معاملات میں اختلاف کی صورت میں فیصلہ کر سکے۔ چنانچہ آپؐ نے حضرت ابو عبیدہ ابنِ جراح ؓ کو اس وفد کے ساتھ کیا کہ وہ عیسائیوں کے مالی معاملات میں اسلام کے مطابق فیصلے کریں۔
اس طرح اسلام کی دعوت، افکار کی قوت اور مستحکم استدلال، یہود، نصاریٰ اور منافقین کے باطل مباحثوں پر غالب آیا اور تمام باطل تفکرات زائل ہو کر صرف اسلام ہی اپنے صحیح مبداء سے حاوی رہا، لوگ اسی کی بات کرتے، اسی کی دعوت دیتے، حتیٰ کہ اسلام ہی کی فکر غالب رہی اور اسی کی حکومت۔ البتہ منافقین اور یہود کے قلوب مسلمانوں کے لئے نفرت اور کینہ سے بھرے رہے۔ اس طرح وہ فوجی مہمات جو آپؐ نے بھیجی تھیں، اُن کا نتیجے میں یہ بیمار ذہن لوگ سکوت پر مجبور ہو گئے اور اسلام کا کلمہ بلند ہوا، مدینے اور اُس کے آس پاس اسلام کے دشمنوں نے یا تو خاموشی اختیار کی یا خود کو اسلامی حکومت کے ماتحت کر لیا۔

غزوۂ بدر

۲ ھ رمضان کی آٹھ تاریخ کو آپؐ اپنے تین سو پانچ صحابہؓ کے ہمراہ جن میں ستّر اونٹوں پر سوار تھے، ہر ایک اونٹ پر دو، تین یا چار صحابہ سوار تھے اور یہ ابو سفیان کے قافلہ کے تعاقب میں تھے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اہلِ مدینہ کے لئے نماز کی امامت کے لئے عمرو ابن ابی مکتومؓ اور ابو لبابہؓ کو مدینہ کا حاکم مقرر کر دیا تھا۔ اس طرح حضورؐ کا یہ قافلہ ابو سفیان کے قافلہ کے بارے میں خبر حاصل کرتے کرتے ذَفرانؔ نام کی وادی پہنچا اور وہیں خیمہ زن ہوا اور یہ خبر ملی کہ مکہ سے قریش ابو سفیان کے قافلہ کی حفاظت میں روانہ ہوئے ہیں۔ اب معاملہ کی نوعیت ہی بدل گئی تھی، اب صرف ابو سفیان کے قافلہ سے مقابلہ کا سوال نہیں تھا بلکہ اب تو معاملہ یہ تھا کہ کیا قریش سے مقابلہ لیا جائے یا نہیں ؟چنانچہ حضور ؐ نے صحابہ سے مشورہ کیا، حضرت ابو بکر ؓسے پھر حضرت عمرؓ، پھر حضرت المقداد بن عمروؓ کھڑے ہوئے اور فرمایا ’’اے اللہ کے رسول آپؐ چلئے جہاں اللہ کا حکم ہے اور ہم آپ کے ساتھ ہیں، ہم بنی اسرائیل کی طرح یہ نہیں کہیں گے کہ آپؐ اور آپ کا اللہ جائے اور قتال کرے ہم اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں، بلکہ ہم کہتے ہیں کہ آپؐ اور آپ کا اللہ جائے اور قتال کرے اور ہم آپ کے ساتھ قتال کریں گے، خواہ آپ کے ساتھ جانے میں کچھ بھی خطرہ ہو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ‘‘۔ تمام مسلمان خاموش تھے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سب کو مخاطب کر کے فرمایا:’’ اے لوگو!اپنی رائے دو‘‘۔ اس سے آپؐ کی مراد انصار سے تھی جنہوں نے عقبہ میں آپؐ کی اسی طرح حفاظت کرنے کی بیعت کی تھی جس طرح وہ اپنے اہل و عیال کی کرتے ہیں، لیکن اُس میں مدینہ سے باہر جا کر لڑنا شامل نہیں تھا، لہٰذا جب انصار نے یہ محسوس کیا کہ اس سے اُن کی طرف اشارہ کیا جا رہا ہے تو حضرت سعد ابن معاذؓ جو انصار کے سردار تھے، کھڑے ہوئے اور فرمایا ’’ اے اللہ کے رسولؐ کیا آپ کی مراد ہم سے ہے ؟آپؐ نے فرمایا ’’ہاں ‘‘، حضرت سعدؓ نے جواب دیا’’ ہم آپؐ پر ایمان لائے ہیں، آپ کو سچا تسلیم کیا ہے اور جو(پیغام ) آپؐ لائے ہیں اُس کی سچائی پر شہادت دی ہے اور آپؐ کی بات سننے اور حکم ماننے کا عہد کیا ہے، لہٰذا آپؐ جہاں چاہیں جائیے ہم آپ کے ساتھ ہیں اور قسم اُس ذات کی جس نے آپ کو مبعوث فرمایا ہے، اگر آپ ہمیں سمندر میں چھلانگ لگانے کو بھی کہیں گے تو ہم آپ کے ساتھ ہوں گے اور ہم میں سے کوئی بھی پیچھے نہیں رہے گا، ہم دشمن سے کل ہی مقابلہ کو تیار ہیں، ہم جنگ میں تجربہ کار ہیں اور آپ ہم پر اعتماد کر سکتے ہیں اور بہت ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ذریعہ آپ کوایسا کچھ دکھائے جو آپ کو خوش کر دے، لہٰذا آپ ہمیں اللہ کے حکم سے لے چلئے ‘‘۔ ابھی حضرت سعدؓ کی بات پوری نہیں ہونے پائی تھی کہ آپؐ کا چہرۂ مبارک مسرت سے کھل اُٹھا اور آپؐ نے فرمایا ’’کوچ کرو اور اللہ نے مجھے فتح کی بشارت دی ہے، میں ابھی سے دشمن کو زیر ہوتا دیکھ رہا ہوں ‘‘۔ اب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور مسلمانوں کا قافلہ روانہ ہوا اور بدر ؔ کے قریب پہنچ گیا جہاں یہ پتہ چلا کہ قریش کا قافلہ قریب آ پہنچا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی، حضرت زبیر بن العوام اور حضرت سعد ابن ابی وقاصؓ کو کچھ صحابہ کرام کے ساتھ بدر کے کنوئیں کی طرف بھیجا کہ وہ قریش کے حالات کی خبر لائیں۔ یہ حضراتؓ اپنے ساتھ قریش کے دو نوجوانوں کو پکڑ کر لائے جن سے پتہ چلا کہ قریش کے سردار ابو سفیان کے قافلہ کی حفاظت کے لئے اپنے ساتھ نو سو سے ایک ہزار افراد پر مشتمل قافلہ لیکر نکلے ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کو خبردار کیا کہ اہلِ مکہ نے اپنے سب سے بہادر افراد کو مقابلہ کے لئے روانہ کیا ہے اور صحابہ کرامؓ سے مطالبہ کیا کہ وہ اِس مہم کے لئے اپنی کمر کس لیں۔ مسلمانوں نے عہد کیا کہ وہ ڈٹ کر کفار کا مقابلہ کریں گے۔ مسلمان فوج نے کوئیں کے اطراف اپنا ڈیرا ڈالا اور ایک باندھ تیا رکیا جس کو پانی سے بھر دیا گیا اور باقی تمام کوؤں کو بند کر دیا تاکہ اپنی فوج کو پانی مہیا ہوتا رہے اور کفار کو پانی میسر نہ آئے۔ پھر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے قیام کے لئے ایک جھونپڑی تیار کی گئی۔ قریش نے وہاں پہنچ کر محاذ سنبھالا اور جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ سب سے پہلے اسود ابن عبد الاسد المخزومی قریش کی صفوں سے نکل کر مقابلہ کے لئے آگے آیا تاکہ اُس باندھ کو توڑ دے جس میں پانی بھرا گیا تھا۔ اس کے مقابلہ کے لئے حضرت حمزہ بن عبد المطلب آگے آئے اور ایک ہی وار سے اُس کے پیر کو الگ کر دیا، جس سے اسود پیٹھ کے بل گر پڑا، پیر سے خون بہہ رہا تھا اور پھر اگلے ہی وار میں وہ اُسی باندھ میں مارا گیا۔ اس کے بعد عتبہ ابن ربیع اپنے بھائی شیبہ اور بیٹے ولید کے ہمراہ آگے آیا جس کے مقابلہ کے لئے حضرت حمزہ، حضرت علی اور حضرت عبیدہ بن حارثؓ آئے۔ حضرت حمزہؓ نے شیبہ کو اور حضرت علیؓ نے ولید کو ذرا مہلت دئے بغیر اُن کا کام تمام کر دیا پھر وہ حضرت عبیدہ ؓ کی مدد کو آگے بڑھے جو عتبہ سے نبرد آزما تھے اور زخمی ہو گئے تھے، عتبہ کو ختم کر کے یہ حضرات حضرت عبیدہؓ کو اپنے ساتھ واپس لائے۔ پھر جمعہ ۱۷ رمضان ۲ ھ کی صبح کو فوجیں ایک دوسرے کے قریب آئیں اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فوج کی صفوں کو آراستہ کیا اور اُنہیں لڑائی کی ترغیب کی۔ اس ترغیب سے اور خود حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اُن کے درمیان موجود ہونے سے صحابہ کے جوش میں اور اضافہ ہو اور وہ آگے بڑھے اور قریش کی صفوں میں داخل ہو گئے، ہر طرف قریش کے سر اُن کے دھڑوں سے جدا ہو کر گر رہے تھے، مسلمانوں کے لبوں پر ’احد احد، کے نعرے رواں تھے جن سے فضاء گونج اُٹھی تھی، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مسلسل صفوں کے درمیان تھے اور صحابہؓ کی ہمت افزائی کرتے جا رہے، آپؐ نے مٹھی بھر کنکریاں اُٹھا کر قریش کی طرف پھینکیں اور فرمایا کہ قریش کے چہرے سیاہ ہوں۔ آپؐ نے پھر صحابہ کو آگے بڑھنے کو کہا جس کی فوراً تعمیل ہوئی اور مسلمان شاندار فتح سے ہمکنار ہوئے۔ قریش کے کئی سر گردنوں سے الگ ہو کر خاک آلود ہوئے، اُن کے سردار گرفتار کئے گئے اور باقی اپنی جان بچا کر میدانِ جنگ سے فرار ہو گئے۔ اس طرح مسلمان ایک اہم اور شاندار جیت کے بعد مدینہ لوٹے۔

بنی قینقاع کو ملک بدر کیا گیا

جنگ بدر سے پہلے ہی یہود مسلمانوں کے ساتھ تکبّر سے پیش آتے تھے، اب بدرؔ کی فتح کے بعد اِس میں اور اضافہ ہو گیا اور وہ مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرنے لگے، اُنہیں مسلمانوں کے ساتھ اپنے معاہدے کا ذرا بھی پاس نہ تھا، مسلمان یہودیوں کی ایسی حرکتوں کا بروقت جواب بھی دیتے۔ اس قسم کے متعدد واقعات کی ایک مثال اُس واقعہ کی ہے جو بنی قینقاع کے بازار میں پیش آیا۔ ایک عرب عورت اپنے زیور لے کر بنی قینقاع کے بازار میں ایک یہودی سُنار کی دکان پہنچی۔ پیچھے سے ایک یہودی نے نُکیلے کانٹے میں اُس عورت کے لباس کا پچھلا حصہ پھنسا دیا، جب وہ کھڑی ہونے لگی تو اُس کا لباس گِر گیا جس سے اس کے جسم کا حصہ دکھنے لگا، لوگ اُس عورت کی ہنسی اُڑانے اور تحقیر کرنے لگے۔ عورت نے اپنی مدد کے لئے آواز لگائی جس پر ایک مسلمان یہودی دکاندار پر جھپٹ پڑا اور اُسے قتل کر دیا۔ یہودیوں نے اسے گھیر لیا اور مار ڈالا۔ اب مقول کے گھر والوں کی پکار پرمسلمان جمع ہوئے اور یہودیوں پر حملہ کر دیا جس سے مسلمانوں اور یہود کے مابین نزاع ہو گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے یہودیوں سے پہلے ہی اُنکی شرارتوں اور چالبازیوں سے باز آنے کو کہا تھا لیکن یہودی مسلسل اپنی شرارتوں سے مسلمانوں کو بھڑکاتے رہے۔ حضور اکرم صلی اللہ و علیہ وسلم نے اکابر صحابہؓ سے مشورے کے بعد فیصلہ کیا کہ بنی قینقاع کے یہود کو قتل کر دیا جائے، لیکن عبداللہ ابن ابي ابن سلول نے جو کہ یہود اور مسلمانوں دونوں کا حلیف تھا، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمائش کی کہ اس کے حلیف بنی قینقاع کو بخش دیا جائے۔ آپؐ نے پہلے اس کی فرمائش کو نظر انداز کیا، جب پھر اس نے اپنی بات دہرائی تو پھر اُس کی خاطر نہ کی، لیکن اُس کے بار بار فرمائش کرنے پر آپؐ نے اُس کی درخواست کو اس غرض سے قبول کر لیا کہ اُس پر یہ احسان کر دینے سے مدینہ یہودیوں سے پاک ہو جائے گا۔ چنانچہ بنی قینقاع کے یہودی مدینہ سے شمال کی سمت روانہ ہوئے اور شام میں جا کر بس گئے۔

داخلی بغاوتوں کا کچلنا

مسلمان قریش کے ساتھ اپنی پہلی جنگ، یعنی جنگِ بدر میں مؤثر کامیاب ہوئے تھے۔ اس کامیابی کی وجہ سے قریش اپنے حواس کھو بیٹھے ادھر مدینہ میں یہودیوں کی سازشیں اور شرارتیں بھی ختم ہو گئیں اور اندرونی بغاوتیں بھی ماند پڑ گئیں۔ اس کے نتیجے میں یہودی مجبور ہو گئے کہ مسلمانوں کے ساتھ معاہدے کرنے لگے اور بعض کو ملک بدر کر دیا گیا۔ مسلمانوں کی طاقت میں اضافہ ہوا لیکن قریش بھی خاموش نہ بیٹھے، وہ مسلمانوں سے اپنی شکست کا انتقام لینے کے لئے تیاری میں جُٹ گئے۔ اس کا موقع اُنہیں اگلے ہی سال احد میں ملا جب مسلمانوں کے کچھ تیر اندازوں نے اپنے قائد کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے محاذ چھوڑ دیا اور مسلمانوں کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ قریش اپنی اس کامیابی پر سیر ہو کر واپس لوٹے کہ بدر کی رسوائی کا بدلا لے لیا اور مسلمان شکستخوردہ مدینہ لوٹے۔ مسلمانوں کے چہروں پر اُن کی ہار عیاں تھی حالانکہ مسلمانوں نے جنگ کے بعد کفار کا حمراء الاسدؔ کے مقام تک پیچھا بھی کیا تھا۔ اس کے نتیجے میں جو مسلمانوں کی طاقت پر اثر پڑا تو مدینہ میں کئی لوگ اور عرب کے کئی قبائل بغاوت پر اتر آئے، جو احد کی جنگ سے پہلے ایسا کرنے کی ہمت بھی نہیں کر پاتے تھے۔ اب مدینہ کے باہر عرب قبائل اور مدینہ کے یہودی اور منافقین حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقتدار کو چیلینج کرنے کے منصوبے بنانے لگے اور مسلمانوں کے بھڑکانا شروع کر دیا۔ مدینہ کے باہر عرب قبائل جو مسلمانوں سے اب تک مرعوب تھے، احد کے بعد وہ بھی مسلمانوں کی مخالفت اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقتدار کو چیلینج کرنے کی فکر میں لگ گئے۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بات کی فکر تھی کہ احد کی شکست سے جو مسلمانوں کا وقار مجروح ہوا ہے، اس کا پھر سے احیاء کیا جائے اور ہر اُس کوشش کو جومسلمانوں کو زیر کرنے اور اُنہیں قابو میں رکھنے کے لئے کی جا رہی ہے، اسے ناکام بنایا جائے۔
جنگ احد کے تقریباً ایک ماہ بعد آپؐ کو اطلاع ملی کہ بنو اسد کا قبیلہ اس تاک میں ہے کہ مدینہ پر حملہ کر کے آس پاس کی چراگا ہوں سے مویشی پکڑ کر لے جائیں۔ لہٰذا آپؐ نے فیصلہ کیا کہ اُن کے حملہ کرنے سے پہلے ہی اُن پر حملہ کر دیا جائے، اس غرض سے آپ نے حضرت ابو سلمہ بن عبد الاسدص کو قائد بنا کر ایک سو پچاس صحابہ کی پلٹن ترتیب کی اور حضرت ابو سلمہث کے ہاتھ پر اپنا فوجی نشان باندھا۔ اس پلٹن میں مسلمانوں کے بہترین اور بہادر ترین افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں حضرت ابو عبیدہ بن الجراح ؓ، حضرت سعد ابن ابی وقاصؓ اور حضرت اسید بن الحضیرؓ بھی تھے۔ اِن کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ عام راستہ کے بجائے دوسرا راستہ اختیار کریں، دن میں چھپے رہیں اور رات کے وقت سفر کریں تاکہ اِس حملہ کی خبر دشمن کو نہ ہو اور وہ اچانک حملہ کی زد میں آ جائیں۔ حضرت ابوسلمہؓ روانہ ہوئے اور بنی اسد پہنچ کر علی الصبح صحابہ کو جہاد کی ترغیب دیتے ہوئے بنی اسد پر حملہ کر دیا اور جلد ہی اُنہیں شکست دے کر اور اُن کے مال و مویشی لے کر مدینہ لوٹ آئے۔ اس سے دوبارہ مسلمانوں کا رعب اور اُن کی طاقت کا اثر قائم ہو گیا۔
اس کے بعد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اطلاع ہوئی کہ خالد بن ابی سفیان الہذلی نخلہؔ یا عرنہؔ کے مقام پر ہے اور مدینہ پر حملہ کرنے کی غرض سے فوج جمع کر رہا ہے، چنانچہ آپ نے عبداللہ ابن انیسؓ کو اس بات کی مخبری کے لئے بھیجا۔ عبداللہ ابن انیس جب خالد کے پاس پہنچے تو اُس نے پوچھا کہ یہ کون شخص ہے ؟ عبداللہ ؓ نے جواب دیا کہ وہ ایک عرب ہیں اور اُنہیں یہ اطلاع ملی ہے کہ خالد مدینہ پر حملہ کرنے کے لئے فوج جمع کر رہا ہے اور وہ اسی غرض سے اُس کے پاس آئے ہیں۔ خالد نے عبداللہ ابن انیسؓ نے حملہ والی بات نہیں چھپائی اور اُنہیں بتا دیا۔ یہ دونوں چلتے چلتے باتیں کر رہے تھے، جب یہ ایسے مقام پر پہنچے جہاں سے خالد کے آدمی اُنہیں دیکھ پاتے، تو عبداللہ ابن انیسؓ نے اپنی تلوار سے خالد کا قتل کر دیا اور مدینہ آ کر ساری خبر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو دی۔ اِس سے قبیلہ ہذیل کے بنو لحیان ٹھنڈے پڑ گئے اور باقی عرب سے بھی مدینہ پر آنے والا خطرہ ماند پڑ گیا۔
اس کے بعد گو کہ عرب کا خطرہ کسی حد تک ٹل گیا تھا، لیکن بہرحال اب بھی عرب مسلمانوں کے اقتدار کو کمزور کرنے کی فکر میں تھے اور توہین کرنے سے باز نہیں آ رہے تھے۔ اسی دوران ہذیل کے پڑوس کے ایک قبیلہ کا وفد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا کہ وہ اسلام میں آنا چاہتے ہیں اور یہ گزارش رکھی کہ اُن کے ساتھ کچھ صحابہ کو بھیجا جائے جو اُن لوگوں کو دین سکھائیں، قرآن سنائیں اور اسلامی شریعت سے آگاہ کریں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اُن کے ساتھ چھ صحابہ کو روانہ کیا، جب یہ لوگ ہذیل کے علاقہ کے کوؤں تک پہنچے تو ان کو دھوکا دے دیا گیا اور چیخ کر قبیلۂ ہذیل کے لوگوں کو بلایا گیا۔ صحابہ اس اچانک حملہ کے سبب گھر گئے، اُنہوں نے اپنی تلواریں نکالیں اور لڑتے لڑتے اُن میں سے تین شہد ہو گئے اور باقی تین نے ہتھیار ڈال دئے اور وہ قیدی بنا لئے گئے۔ ان تینوں کو مکہ لے جایا گیا تاکہ اُنہیں بیچا جائے، راستہ میں ان تین میں سے ایک صحابی، یعنی حضرت عبد اللہ ابن طارق ؓ نے اُن لوگوں کی غفلت کا موقع پا بھاگ جانا چاہا، وہ اپنی تلوار بھی نکالنے میں کامیاب رہے لیکن دشمنوں نے اُنہیں زیر کر کے قتل کر دیا۔ باقی دو کو مکّہ میں بیچ دیا گیا۔ ان میں سے ایک زید ابن دثنہؓ تھے جنہیں صفوان ابن امیہ نے اپنے باپ امیہ ابن خلف کی موت کا بدلا لینے کے لئے خریدا تھا تاکہ وہ اِنہیں مار کر اپنے باپ کا انتقام لے سکے۔ جب وہ زید ابن دثنہ کو قتل کرنے لگا تو اُنہیں اللہ کا واسطہ دے کر پوچھا کہ سچ بتاؤ کیا تمہیں یہ پسند نہیں ہو گا کہ اِس وقت یہاں محمد(صلی اللہ علیہ وسلم) ہوتے اور اُن کی گردن پر وار ہوتا اور تم مزے سے اپنے اہل و عیال میں ہوتے ؟حضرت زیدؓ نے فرمایا’’ بخدا مجھے یہ گوارا نہیں کہ اسوقت یہاں محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہوتے اور اُنہیں ایک کانٹا بھی چبھ رہا ہوتا جبکہ میں اپنے گھر میں اہل و عیال کے ساتھ ہوتا‘‘۔ صفوان کو بہت حیرت ہوئی اور اُس نے کہا کہ میں نے کسی کو اپنے دوست سے اتنی محبت کرتے نہیں دیکھا جتنی محمد(صلی اللہ علیہ وسلم)کے ساتھی اُن سے کرتے ہیں، پھر اس نے حضرت زیدؓ کو قتل کر دیا۔
دوسرے صحابی حضرت خبیبؓ تھے، انہیں سولی چڑھانے تک قید میں رکھا گیا تھا، جب اُنہیں سولی پر چڑھانے کے لئے لایا گیا تو اُنہوں نے دو رکعت نماز پڑھنے کی اجازت مانگی اور خشوع کے ساتھ اپنی نماز ادا کی پھر فرمایا:’’ اگر مجھے یہ خیال نہ ہوتا کہ تم یہ سوچو گے کہ میں نے موت کے خوف سے نماز طویل کر دی ہے تو میں اور پڑھتا‘‘۔ پھر اُنہیں لکڑی پر لٹکایا گیا اور حضرت خبیب اُن لوگوں کو غصہ سے دیکھتے رہے اور اللہ تعالیٰ سے مخاطب ہو کر کہتے رہے کہ اے اللہ ہم نے تیرے رسول کا پیغام پہنچا دیا، اے اللہ تو اِن کفار کے ایک ایک شخص کو اس طرح ختم کر دے کہ اِن میں سے کوئی نہ بچے۔ کفار حضرت خبیبؓ کی چیخوں سے دہل اُٹھے اور پھر اُنہیں قتل کر دیا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اِن چھ صحابۂ کرام ؓ کے قتل کئے جانے کا بہت رنج ہوا اور مسلمانوں کو بھی اس واقعہ کا بہت افسوس ہوا، سب سے بڑھ کر افسوس کی یہ بات تھی کہ ہذیل نے اُنہیں بہت بڑا دھوکہ دیا تھا اور صحابۂ کرام کا ذرا بھی خیال نہیں کیا تھا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ان حالات کے سبب گہری فکر میں تھے کہ نجدؔ سے ایک شخص ابو البراء عامر ابن مالک حاضر ہوا، یہ شخص تیر اندازی کا ماہر تھا، آپ نے اس کو اسلام کے بارے میں تعارف کرایا اور دین میں داخل ہونے کی دعوت دی، گو کہ اُس نے دعوت قبول نہیں کی لیکن اسلام کے لئے کوئی مخالفت بھی نہیں کی اور یہ درخواست کی کہ اس کے ساتھ کچھ صحابۂ کرام کو بھیجا جائے جو اہلِ نجدؔ کو اسلام سے متعارف کرائیں ساتھ ہی اُس نے کہا کہ اُسے قوی امید ہے کہ اہلِ نجدؔ اس دعوت کا مثبت جواب دیں گے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ابھی حال کے واقعہ وجہ سے جس میں قبیلۂ ہذیل نے صحابہ کو دھوکا دیا تھا، فکر مند تھے لہٰذا ابو البراء کی درخواست نامنظور کر دی۔ لیکن ابو البراء نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو یقین دلایا کہ وہ ان صحابہ کی حفاظت کا ذمہ دار ہے، ابو البراء بہرحال ایک معتبر شخص تھا جس کی بات میں وزن تھا اور کوئی بھی شخص جو اُس کی حفاظت میں ہو، اسے دھوکا دئے جانے کا خوف نہیں ہو سکتا تھا، چنانچہ اُس نے اصرار کیا کہ صحابہ کو اُس کے ساتھ روانہ کیا جائے جو اہلِ نجدؔ کو اسلام کی دعوت دیں۔ یہ لوگ روانہ ہوئے اور معونۃؔ کے کوؤں تک پہنچے، جہاں سے اُنہوں نے اپنے ایک ساتھی کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا خط دے کر عامر ابن طفیل کے پاس بھیجا۔ جب یہ نامہ بر عامر تک پہنچا تو عامر اُس پر جھپٹ پڑا اور بغیر حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا خط دیکھے ہی اِس نامہ بر کو قتل کر دیا، پھر اپنے قبیلہ یعنی بنی عامر کو چلا کر پکا را کہ وہ مسلمانوں کو گھیر کر قتل کر دیں۔ بنی عامر نے عامر ابن طفیل کی بات ماننے سے انکار کر دیا اور ابو البرا کے ساتھ مسلمانوں کی حفاظت کا وعدہ کیا۔ عامر ابن طفیل نے اس پر خاموش ہونے کے بجائے قریب کے دوسرے عرب قبائل کو آواز دی جنہوں نے مسلمانوں کو، جو اپنے اونٹوں پر سوار تھے گھیر لیا۔ مسلمانوں نے تلواریں نکال لیں اور اپنے آخری شخص تک مقابلہ کیا لیکن سوائے دو صحابہ کے سب کے سب شہید ہو گئے۔ ان کی شہادت کا حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور تمام مسلمانوں پر شدید اثر پڑا اور آپؐ اس امر کی فکر کرنے لگے کہ کس طرح ان عرب قبائل کو باز رکھا جائے اور مسلمانوں کا رعب و دبدبہ کس طرح بحال کیا جائے۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے محسوس کیا کہ ان حادثات کی وجہ سے مدینہ ہی میں حالات بگڑ رہے ہیں لہٰذا پہلا مدینہ پر توجہ فرمانے کو ترجیح دی کہ جب ان پر قابو پا لیا جائے پھر ریاست کے خارجی احوال سے نمٹا جائے۔ جنگ احدؔ، بئر معونہؔ اور رجیعؔ کے حادثات سے مسلمانوں کے وقار کو ٹھیس پہنچی تھی جس کے سبب منافقین اور یہود کی ہمتیں بڑھ گئیں تھیں۔ یہ لوگ موقع کی تلاش میں تھے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اُن کی نیتوں کو بھانپ لیا تھا، چنانچہ آپؐ نے محمد ابن مسلمہ کو اُن کے پا س بھیجا اور فرمایا:
’’بنی نضیرؔ کے یہود کے پا س جاؤ اور اُن سے کہو کہ اللہ کے رسولؐ نے مجھے تمہارے پاس بھیجا ہے اور حکم دیا ہے کہ تم میرے ملک سے نکل جاؤ کیونکہ تم نے دھوکا دے کر اس عہد کو توڑا ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تمہارے ساتھ کیا تھا، تمہارے پاس دس دن کی مہلت ہے، اس میں ملک چھوڑ دو اس کے بعد اگر کوئی اس کے بعد دکھا تو اس کا سر قلم کر دیا جائے گا ‘‘۔
بنو نضیرؔ ملک چھوڑنے پر تیار ہو ہی گئے تھے کہ عبداللہ ابن ابی اور حیي ابن اخطب نے اُنہیں ہمت دلائی اور اس بات پر منا لیا کہ وہ اپنے قلعوں میں محصور رہیں۔ لہٰذا حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اُن پر گھیرا تنگ کر دیا، اب وہ مصالحت کی طرف آئے کہ اُن کی جان بخش دی جائے اور وہ ملک چھوڑنے پر آمادہ ہیں۔ چنانچہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حکم دیا کہ وہ اپنے تین تین افراد کو ایک اونٹ پر لے کر جس قدر کھانے پینے کا سامان لے جا سکیں چلے جائیں اِس کے علاوہ اُن کا کچھ نہیں ہو گا۔ اس طرح یہودیوں نے ملک چھوڑا اور اُن کا باقی سامان اور اثاثہ جیسے زمین، باغ اور اسلحہ چھوڑ گئے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے یہ سارا مال مہاجرین میں اور انصار کے صرف دو اشخاص، ابو دجانہ اور سھل ابن حنیف جو کہ مہاجرین کی ہی طرح بے سر و سامان تھے تقسیم فرما دیا۔
اس طرح یہودیوں کو ملک بدر کر کے آپؐ نے ملک کے داخلی حالات کی سیاست پر قابو پایا اور مسلمانوں کی طاقت کا سکہ بٹھا یا اور اُن کا دبدبہ بحال کر دیا۔ اب آپؐ نے خارجی سیاست کی جانب توجہ فرمائی، ظاہر بات تھی کہ سب سے پہلے قریش کو چیلینج کیا جائے لیکن قریش مقابلہ کے لئے نہیں آئے۔ واقعہ یہ تھا کہ جنگ بدر کے موقع پر ابو سفیان نے چیلینج کیا تھا کہ آج ہی کی تاریخ یعنی یومِ بدر کو ہم اگلے سال پھر مقابلہ کریں گے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو جب ابو سفیان کا یہ قول یاد آیا تو آپؐ نے ضروری سمجھا کہ اس چیلینج کا جواب دینا چاہئے چنانچہ آپؐ نے مسلمانوں کو تیار کیا اور عبد اللہ ابن عبداللہ ابن سلول کو مدینہ میں اپنا نائب مقرر کر کے میدان بدر پہنچے اور قریش سے قتال کے منتظر رہے۔ مکہ سے ابو سفیان دو ہزار فوجیوں کے ساتھ روانہ ہوا، لیکن راستہ ہی سے اپنے فوجیوں کے ساتھ مکہ لوٹ گیا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم مسلسل آٹھ دن تک وہیں خیمہ زن رہے لیکن قریش نہیں آئے بالآخر حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو قریش کے واپس لوٹ جانے کی اطلاع ہوئی اور آپؐ اپنے صحابہ کے ساتھ مدینہ لوٹے، لیکن ان آٹھ دنوں کے قیام میں بدر میں تجارت کا کافی منافع حاصل کر لیا تھا۔ یہ واپسی فتح کے ساتھ ہوئی گو کہ قریش مقابلہ کے لئے نہیں آئے۔ پھر آپ نے نجدؔ کے غطفان پر حملہ کیا جو بغیر مقابلہ کئے اپنی عورتوں اور سامان کو چھوڑ گئے تھے جو مسلمان مالِ غنیمت کے طور پر اپنے ساتھ مدینہ لے آئے۔ اس کے بعد حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے دومۃ الجندؔل کا قصد کیا جو شام ؔ اور حجاز ؔ کی سرحد پر واقع تھا، اس کا مقصد اُن قبائل کو زیر کرنا اور خبردار کرنا تھا کو کاروانوں پر حملے کیا کرتے تھے۔ دومۃ الجندل نے بھی مقابلہ نہیں کیا اور وہ اپنا مال و متاع وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئے جسے مالِ غنیمت کے طور پر مسلمان لے کر فتح یاب ہو کر مدینہ لوٹے۔
ان خارجی غزوات اور مدینہ کے داخل میں کی گئی کار روائیوں سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے مسلمانوں کی قوت کی دھاک عربوں اور یہود پر بٹھا دی اور اُن کا وقار و رعب بحال کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اب جنگ اُحد کی شکست کے اثرات پوری طرح زائل ہو گئے تھے۔

غزوۂ احزاب

غزوۂ اُحد کے بعد مدینہ میں کی گئی کاروائیاں اور مدینہ کے باہر عمل میں آنے والی مہمات سے مسلمانوں کے وقار کو بہت مدد ملی، اس سے اسلامی ریاست کی قوت میں اضافہ ہوا اور ریاست کے اقتدار کو تقویت میسّر آئی۔ اب جزیرہ نمائے عرب کے قبائل اس بات سے خوف کھاتے کہ اُن پر حملہ نہ ہو جائے، اور جب کبھی ایسا ہوتا تو وہ بغیر مقابلہ کئے ہی پیٹھ دکھا دیتے۔ غطفان اور دومۃ الجندل کے ساتھ یہی ہوا تھا۔ بلکہ قریشِ مکہ نے تو اپنی بزدلی کے سبب بدر کے دوسرے معرکہ میں نہ آنے میں ہی اپنی خیر سمجھی جبکہ وہ خود ہی چیلینج کر کے گئے تھے۔ اس وجہ سے مسلمانوں کو قدرے سکون میسّر آیا اور وہ اب مدینہ میں اپنی زندگیوں کی طرف توجہ دے پائے اور اُن نئے حالات کی روشنی میں اپنی زندگیوں کو منظم کر پائے، جو اُنہیں بنی نضیر ؔ کے مالِ غنیمت حاصل ہونے کے بعد میسر ہوئی تھی۔ مہاجرین میں بنو نضیر ؔ کی زمینیں، باغات اور اثاثے تقسیم کئے گئے تھے۔ البتہ یہ نئی ضروریات زندگی اُنہیں اُن کے اصل کام سے غافل نہیں پائی تھی، یعنی جہاد سے جو کہ قیامت تک کے لئے فرض کیا گیا تھا۔ اتنا ضرور تھا کہ اب اُن کی زندگیاں پہلے کی بہ نسبت ذرا بہتر اور پہلے سے زیادہ مستحکم ہو گئیں تھیں۔ اس قدرے اطمینان اور سکون کے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہمیشہ دشمن کے خطرہ سے چوکنا رہتے کہ کہیں پھر دشمن دھوکا نہ دے جائے۔ آپ کی یہ کوشش ہوتی کہ جزیرہ نمائے عرب کے مختلف علاقوں سے خبریں اُن تک پہنچیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اس غرض سے کئی لوگوں کو مختلف جگہوں پر بھیجا کہ وہ دشمن کے ارادوں کی معلومات بہم پہنچائیں تاکہ ہر خطرہ کے لئے پیش بندی کرنے کی مہلت مل جائے اور دشمن سے مقابلہ اس حال میں ہو کہ دشمن کی ہر ممکنہ چال کا علم پہلے سے ہو۔ یہ اور بھی ضروری اس وجہ سے ہو گیا تھا کہ عرب مسلمانوں کی قوت سے خائف تھے اور اُن کے اقتدار سے ڈرتے تھے مزید یہ کہ بنو نضیر اور بنو قینقاع کے یہودی قبائل کو مدینہ سے ملک بدر کر دیا گیا تھا اور غطفان اور ہذیل جیسے قبیلے کمر توڑ چوٹ کھا چکے تھے۔ اس وجہ سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم دشمن کی اطلاعات اور اُن کی تیاریوں کی خبریں جمع کرنے کو اہم مانتے تھے۔ اسی دوران اطلاعات موصول ہوئیں کہ قریشِ مکہ اور بعض دوسرے قبائل مدینہ پر حملہ کی تیاری کر رہے ہیں، لہٰذا آپؐ نے مسلمانوں کو اس مقابلہ کے لئے تیار کیا۔ اطلاعات ایسی آ رہی تھیں کہ بنی نضیر کے یہودی حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی جانب سے ملک کئے جانے کے بعد سے اپنے سینوں میں یہ آرزو لگائے بیٹھے تھے کہ عرب قبائل کو مسلمانوں کے خلاف ورغلا کر اُن سے اپنا انتقام لیں۔ اس سازش کو عملی جامہ پہنانے کے مقصد سے بنو نضیر کے حیي ابن اخطب، سلام ابن ابی الحقیق اور کنانہ بن ابی الحقیق اور اُن کے ساتھ بنو وائل کے ھوذہ بن قیس اور ابو عمار مکہ پہنچے۔ قریش نے حیي سے اُس کے لوگوں، یعنی بنی نضیرؔ کے بارے میں پوچھا تو حیي نے بتایا کہ وہ اُنہیں مدینہ اور خیبر کے درمیان چھوڑ کر آیا ہے اور وہ اس بات پر تردّد میں تھے کہ کیا وہ مکہ آئیں تاکہ قریش کے ہمراہ مسلمانوں پر چڑھائی کی جائے۔ پھر قریش نے اُس سے بنو قریضہؔ کا پوچھا تو اُس نے کہا کہ وہ مدینہ ہی میں ہیں اور ظاہری طور سے محمد(صلی اللہ علیہ وسلم) کے ساتھ ہیں اور انتظار کر رہے ہیں کہ تم مدینہ پر یلغار کرو تو وہ اندر سے تمہاری مدد کریں۔ قریش اس مقام پر کچھ مترددّ ہوئے کہ آیا آگے بڑھا جائے یا نہیں ؟کیونکہ دراصل محمدؐ اور یہودیوں کے مابین اس ماسوا کوئی تنازعہ نہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اللہ کی طرف دعوت دیتے ہیں، اُنہیں لگا کہ وہ سکتا ہے کہ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) ہی حق پر ہوں ؟چنانچہ اُنہوں نے یہودیوں سے پوچھا :’’ اے قوم یہود! تم تو پہلے اہلِ کتاب ہو۔ تم یہ بھی جانتے ہو کہ ہمارے اور محمد (صلی اللہ علیہ وسلم)کے درمیان کیا اختلاف ہے، تم بتاؤ کہ ہم میں کس کا دین بہتر ہے ‘‘؟یہودی توحید پرست تھے اور اچھی طرح جانتے تھے کہ اسلام ہی حق ہے لیکن اس کے باوجود اُنہوں نے اپنی عربوں کو مسلمانوں کے خلاف جمع کرنے والی سازش کے پیش نظر ایسی فحش غلطی کی کہ جواب دیا کہ بے شک تمہارا دین بہتر ہے اور تم ہی حق پر ہو۔ یہ یہودیوں کی دائمی رسوائی ہے کہ وہ جانتے بوجھتے یہ کہہ بیٹھے کہ بُتوں کی پرستش ایک اللہ کی عبادت سے بہتر ہے، لیکن اُنہوں نے ایسا کیا اور کرتے رہے۔ جب یہودیوں کو یقین ہو گیا کہ اُنہوں نے قریش کو مسلمانوں پر حملہ کے لئے آمادہ کر لیا ہے، تو اُنہوں نے قیس عیلان کے قبیلۂ غطفان کا رخ کیا پھربنی مُرؔۃ، بنی فزارۃؔ، اشجع ؔ، سُلَیم ؔ، بنی سعدؔ اور اسدؔ کے پاس گئے اور ہر اُس قبیلے کے پاس گئے جسے مسلمانوں سے کوئی انتقام لینا ہوتا اور اسے بدلا لینے پر اکسایا اور بھڑکایا۔ یہودی ہر قبیلے کو یقین دلاتے کہ قریش نے حملہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پھر اُس قبیلہ کے بُتوں کی تعریف کرتے اور اُنہیں فتح اور کامیابی کا بھروسہ دلاتے۔ اس طرح یہودیوں نے کئی عرب قبائل کو جمع کیا اور یہ سب قریش کے ساتھ مدینہ پر حملہ کے لئے نکل پڑے۔
قریش کے چار ہزار سپاہی، تین سو گھڑسوار اور پندرہ سو سپاہی اونٹوں پر سوار ابو سفیان کی قیادت میں نکلے۔ قبیلۂ غطفان کے سپاہیوں کی بہت بڑی تعداد ایک ہزار اونٹوں پر سوار عیینۃ بن حصن بن حذیفہ کی قیادت میں آئے، قبیلۂ اشجعؔ کے چار سو سپاہی آئے جن کی قیادت مسعر بن رحیلہ کر رہا تھا، بنی مرۃ کے بھی چار سو سپاہی حارث ابن عوف کی قیادت میں نکلے، بنی سلیم اور بئیر معونۃؔ کے سات سو سپاہی آئے۔ یہ تمام لوگ جمع ہوئے اور اِن کے ساتھ بنو سعدؔ اور بنو اسدؔ کے فوجی شامل ہوئے۔ اِن تمام کی کی تعداد کم و پیش دس ہزار ہو گئی اور یہ سب ابو سفیان کی قیادت میں مدینہ کی جانب بڑھے۔ جب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ و سلم کو اس فوجی چڑھائی کی اطلاع ملی تو آپؐ نے مدینہ کو محفوظ کرنے کا فیصلہ کیا۔ حضرت سلمان فارسیؓ نے مشورہ دیا کہ مدینہ کے اطراف ایک خندق کھودی جائے جس سے شہر دشمن سے محفوظ ہو جائے۔ چنانچہ خندق کھودی گئی جس میں آپؐ نے بذاتِ خود اپنے ہاتھوں سے کھدائی کی، آپؐ مٹی اُٹھا اُٹھا کر مسلمانوں کی ہمت افزائی فرماتے اور اُنہیں اپنی کوششیں دوگنی کرنے کی ترغیب دیتے۔ اس طرح یہ خندق کھودنے کا کام چھ دن میں مکمل کیا گیا اور جو گھر عین خندق کے سامنے اور دشمن کے حملہ پر تھے اُن کی دیواروں کو مضبوط کیا گیا، خندق سے لگے ہوئے مکانوں کو خالی کرایا گیا اور عورتوں اور بچوں کو ایسے گھروں میں منتقل کیا گیا جن کی دیواریں مضبوط کر دی گئیں تھیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم تین ہزار صحابہ کے ساتھ نکلے اور آپؐ کی پیٹھ سلعؔ کی پہاڑیوں کی جانب تھی، اور آ اور دشمن کے درمیان خندق حائل تھی، یہاں آپؐ نے ایک سرخ خیمہ میں قیام کیا۔
قریش اور اُن کے حلیف قبیلے (احزاب)چاہتے تھے کہ اُحد کے مقام پر مسلمانوں سے مقابلہ ہو، لیکن جب وہ وہاں پہنچے اور مسلمان وہاں نہیں ملے، تو قریش اور احزاب آگے مدینہ کی جانب بڑھے اور اپنے اور مدینہ کے درمیان خندق کو حائل پا کر اُنہیں سخت تعجب ہوا کیونکہ دفاع کا طریقہ اُن کے لئے بالکل نیا تجربہ تھا۔ لہٰذا قریش اور احزاب نے مدینہ کے باہر خندق کی دوسری جانب اپنا پڑاؤ ڈالا۔ اب ابو سفیان اور اُس کے ساتھیوں کو احساس ہوا کہ اُنہیں خندق کے باہر طویل عرسہ تک رکنا پڑسکتا ہے، جبکہ موسم شدید سردی کا تھا اور طوفانی ہوائیں چل رہی تھیں۔ ان حالات میں کمزوری نے اُن کے دلوں میں گھر کر لیا اور یہ سوچنے لگے کہ اب لوٹ جائیں۔ حیي ابن کعب کو اس بات کا احساس تھا چنانچہ اُس نے کہا کہ قبیلۂ بنو قریظہؔ کو اس بات پر آمادہ کرنا چاہئے کہ وہ محمدؐ سے اپنا معاہدہ ختم کر دیں اور احزاب کے ساتھ مل جائیں جس سے حملہ میں آسانی ہو۔ اُس نے قریش ور دوسرے احزاب سے کہا کہ اگر بنو قریظہ ایسا کرتے ہیں تو مسلمانوں کا باہر سے رابطہ یکسر منقطع ہو جائے گا اور حملہ کرنے کے لئے راستہ ہموار ہو جائے گا۔ قریش اور غطفان استجویزسے خوش ہوئے اور حیي کو ذمہ داری سونپی کہ وہ بنو قریظہ کے سردار کعب ابن اسد سے گفتگو کرے۔ کعب نے جب حیي کو آتے دیکھا تو دروازہ بند کر دیا لیکن حیي اڑا رہا اور بالآخر گفتگو ہوئی۔ حیي نے کعب سے کہا کہ اے کعب میں تمہارے لئے کبھی نہ ختم ہونے والی شہرت اور ایک بڑی فوج لے کر آیا ہوں، میرے ساتھ قریش اور غطفان کے اکابر اور سردار آئے ہیں، میرا اُن سے پکا عہد ہو چکا ہے کہ وہ محمدؐ اور اُن کے ساتھیوں کا خاتمہ کرے بغیر نہیں جائیں گے۔ کعب کو تردّد تھا، اسنے حیي سے کہا کہ محمدؐ اپنے عہد و وعدے کے سچے اور پابند ہیں، ساتھ ہی اسے مسلمانوں سے عہد شکنی کرنے میں ڈر بھی لگا۔ لیکن حیي اپنی بات پر جما رہا، اُس نے کعب کو یاد دلایا کہ محمدؐ نے یہودیوں کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا تھا اور اس وقت کس قدر مضبوط تھے، بالآخر کعب نے حي کی بات تسلیم کر لی۔ اس طرح کعب نے مسلمانوں سے کئے ہوئے عہد کو توڑا۔ جب یہ خبر حضورؐ کو ملی تو آپؐ اور صحابہ ٔ کرام بہت شدید انجام سے واسطہ پڑنے کی تشویش ہوئی۔ آپؐ نے قبیلۂ اوس کے سردارحضرت سعد ابن معاذ ص، قبیلۂ خزرج کے سردار حضرت سعد ابن عبادہ ؓ اور اُن کے ساتھ حضرت عبداللہ ابن رواحہ ؓ اور خوات ابن جبیرؓ کو بنی قریظہ کی غداری کے حالات پتہ کرنے کے لئے بھیجا اور ساتھ ہی اُنہیں یہ تاکید بھی کر دی کہ اگر واقعی یہودیوں نے ایسا کیا ہے، تو وہ واپس آ کر ایک خاص اشارے سے بتائیں تاکہ صرف حضورؐ اس کو سمجھ پائیں اور لوگ اس سے خوف زدہ نہ ہوں لیکن اگر یہ خبر غلط ہو تو وہ صاف صاف اعلان کر دیں تا کہ لوگوں کی تشویش کا ازالہ ہو سکے۔ لیکن جب یہ لوگ بنی قریظہ پہنچے تو پتہ چلا کہ حالات اُس سے بھی زیادہ سنگین ہو چکے تھے جو اُنہیں اطلاع ملی تھی۔ ان حضرات نے بنی قریظہ کے سردار کعب کو سمجھانے کی کوشش کی، تو اُس نے مطالبہ کیا کہ بنی نضیر کے یہود جنہیں ملک بدر کر دیا گیا ہے، اُنہیں واپس بلایا جائے تاکہ وہ اپنے وطن میں رہ سکیں۔ حضرت سعد ابن معاذ ؓ جو کہ بنی قریظہ کے حلیف تھے کعب کو سمجھانے لگے لیکن اُس نے خود حضورؐ کی شان میں گستاخی کی اور کہا کہ محمدؐ کون ہیں، ہمارا اُن سے نہ کوئی عہد ہے اور نہ کوئی معاہدہ۔ ان حضرات نے آ کر سارے احوال حضورؐ کو بتائے جس سے تشویش اور بڑھ گئی۔ ادھر احزاب قتال کی تیاریاں کرنے لگے۔ بنی قریظہ نے احزاب سے کہا کہ وہ شدید قتال شروع کریں اور یہ لوگ دس دن میں قتال کی تیاری مکمل کر کے شامل ہو جائیں گے۔ احزاب نے اپنی فوج کے تین حصہ کئے، ابن اعور السلمی کی پلٹن وادی کی جانب سے حملہ کرنے والی تھی، عیینہ ابن حصن کی پلٹن ایک جانب سے اور ابو سفیان کی پلٹن کو عین خندق کے سامنے سے حملہ کرنا تھا۔ مسلمانوں میں خوف و حراساں کا ماحول ظاہر تھا اور تشویش عیاں تھی۔ ادھر احزاب کے حوصلے بلند تھے اور اُن کی قوت ہیبت ناک۔ اُنہوں نے خندق پر حملہ کیا اور اُن کے کچھ لوگ اُس پر گزرنے میں کامیاب بھی رہے۔ اُن کے کچھ گھڑسوار جن میں عمرو ابن عبد ودّ، عکرمہ ابن ابی جہل اور ضرارہ بن خطاب شامل تھے، خندق کے ایک کم چوڑائی والے حصہ سے آگے بڑھنے لگے، یہ اپنے گھوڑوں کو ہانکتے ہوئے سلع کی پہاڑیوں اور خندق کے درمیان آ گئے۔ حضرت علی صاپنے ساتھ کچھ مسلمانوں کواُس جگہ لائے جہاں سے کفار خندق پار کرنے والے تھے تاکہ اس جگہ کی حفاظت کی جا سکے۔ عمرو ابن عبد ودّ اپنی ٹکڑی کے ساتھ آ کر رکا اور اِنہیں لڑنے کے لئے چیلینج کیا جسے حضرت علی ؓ نے قبول کیا اور کہا ’’میں تمہیں اپنے گھوڑے سے اترنے کا حکم دیتا ہوں ‘‘۔ عمرو ابن عبد ودّ نے کہا ’’ لیکن کیوں ؟اے میرے بھتیجے، میں تمہیں قتل کرنا نہیں چاہتا‘‘۔ حضرت علی ؓ نے کہا ’’لیکن میں تمہیں قتل کرنا چاہتا ہوں ‘‘۔ دونوں میں لڑائی ہوئی اور عمرو ابن عبد ودّ مارا گیا، اُس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ لیکن اس واقعہ سے احزاب کمزور نہیں پڑے بلکہ اپنے غضب میں اُنہوں نے مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے کا مصمم ارادہ کر لیا۔ اس اثناء بنی قریظہ کے یہود میں سے کچھ جوشیلے اپنے قلعہ سے باہر نکل آئے تاکہ آس پاس کے گھروں میں لوگوں کو خوف زدہ کریں اور دہشت پھیلائیں۔ ہر طرف سے گھرے ہوئے مسلمانوں کی تکلیفیں اور بڑھ گئیں اور خوف و ہیبت چھانے لگی، لیکن اللہ کے رسولؐ ان مشکل حالات میں بھی اللہ کی رحمت و مدد ملنے سے مایوس نہیں ہوئے۔ ایسے وقت حضرت نعیم ابن مسعودؓ آئے اور حضورؐ کے سامنے ایسی تجویز رکھی جس سے دشمن کی چالیں دھری کی دھری رہ جاتیں۔ حضرت نعیمؓ حضورؐ کے حکم و اجازت سے بنی قریظہ کے پاس گئے جنہیں اِن کے اسلام قبول کرنے کی اطلاع نہیں تھی اور زمانۂ جاہلیت میں دوستی بھی تھی، انہوں نے یہودیوں کو اپنے پرانے رشتے یاد دلائے جس میں ایک دوسرے کے لئے محبت تھی۔ یہودیوں کو بتایا کہ اُنہوں نے قریش اور غطفان کو محمدؐ کے سامنے لا کر کھڑا کر دیا ہے اور یہ لوگ بہت ممکن ہے کہ زیادہ دیر تک نہ رکیں رہیں اور یہودیوں کو پھر محمدؐ کے رحم و کرم پر چھوڑ کر چلے جائیں، پھر یہودیوں کا کیا ہو گا۔ اُنہوں نے یہودیوں کو نصیحت کی کہ اس وقت تک احزاب کے ساتھ مل کر نہ لڑیں جب تک کہ وہ احزاب کے کچھ لوگ اپنے ہاں بطور رہائن یا یرغمال نہ رکھ دیں، تاکہ اُن کے چھوڑ کر بھاگنے کا اندیشہ نہ رہے۔ اس طرح اُنہوں بنی قریظہ کے یہودیوں کو اپنی بات سمجھا دی۔ پھر حضرت نعیمؓ قریش کے پاس گئے اور اُن سے کہا کہ یہودیوں کو محمدؐ سے عہد شکنی کرنے کا ملال ہے اور اب وہ لوگ اس طرح محمدؐ کو منانے کی فراق میں ہیں کہ تم سے بطورِ امانت قریش اور غطفان کے سرداروں کو لے لیں اور پھر اُنہیں محمدؐ ا کے حوالے کر دیں جو اُن کے سر قلم کر دیں گے۔ پھر قریش کو نصیحت کی کہ اگر کسی کو تمہارے پاس بھیجیں اور تمہارے آدمی بطور یرغمال چاہیں تو تم اُنہیں ہر گز ایک آدمی بھی نہ بھیجنا۔ پھر حضرت نعیمؓ قبیلۂ غطفان کے پاس گئے اور اُنہیں بھی وہی کچھ بتایا جو قریش کو بتا چکے تھے۔ اب احزاب کے دلوں میں یہود کی طرف سے شبہات گھر کر چکے تھے۔ ابو سفیان نے اپنا قاصد بنی قریظہ کے یہودیوں کو بھیجا اور یہ کہلوایا کہ ہم اس شخص (یعنی حضور ا) کو گھیرنے کے لئے کئی دن سے بیٹھے ہیں اور یہ عرصہ اب لمبا ہوتا جا رہا ہے، چنانچہ کل تم حملہ کر دو اور ہم تمہارے پیچھے ہیں۔ کعب نے جواب بھجوایا کہ کل سبت یعنی سنیچر کا دن ہے اور ہم سبت کو کوئی کام یا قتال نہیں کرتے۔ اب قریش کو حضرت نعیمؓ کی بات اور سچی لگنے لگی اور ابو سفیان بہت غضب ناک ہو گیا، اس نے قاصد دوبارہ بھیج کر کہلوایا کہ اپنے سبت کو کسی اور دن پر اُٹھا رکھو، کل قتال ہونا بہت ضروری ہے، ہم حملہ کر رہے ہیں اگر تم ہمارے ساتھ نہیں ہوئے تو تو ہم محمدؐ سے پہلے تم سے قتال کریں گے۔ بنو قریظہ نے ابو سفیان کا جواب سن کر کہا کہ ہم سبت کے دن کی رعایت ہر حال میں رکھیں گے اور اپنا مطالبہ پیش کیا کہ تمہارے آدمی بطور ضمانت ہمیں درکار ہیں۔ ابو سفیان کو جب یہ جواب ملا تو اسے حضرت نعیمؓ کی بات کا کامل یقین ہو گیا اور وہ یہ فکر کرنے لگا کہ اب کیا کیا جائے، چنانچہ اُس نے غطفان سے بات کی کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ بھی محمدؐ پر حملہ کرنے میں متردّد ہو رہے ہوں۔ جب رات ہوئی تو اللہ نے اُن پر شدید آندھی، بجلی کی تیز کڑک اور موسلادھار بارش کی جس سے اُن کے خیمے اُکھڑ گئے، کھانے پینے کے برتن تتر بتر ہو گئے اور اُن کے دلوں میں خوف طاری ہو گیا۔ وہ یہ فکر کرنے لگے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ محمدؐ اس موقعہ کو غنیمت سمجھ کر اُن پر ٹوٹ پڑیں، اس سے وہ لرز گئے۔ اسی دوران طلیحہؔ نے پکارا کہ محمدؐ نے حملہ کر دیا ہے لہٰذا جان بچا کر بھاگو۔ ابو سفیان چلانے لگا کہ اے لوگو! میں نکل رہا ہوں چنانچہ تم بھی نکلو۔ تمام قریش جو کچھ سامان ہاتھ لگا اسے اُٹھا کر بھاگنے لگے اور غطفان اور دوسرے عرب قبیلے بھی اُن کے پیچھے پیچھے ہو لئے۔ جب صبح ہوئی تو کوئی بھی نہ بچا تھا۔ حضورؐ نے جب یہ دیکھا تو وہ اور تمام مسلمان خندق سے ہٹے اور مدینہ کی طرف لوٹ گئے۔ اللہ نے اس طرح مسلمانوں کو قتال سے بچا لیا۔
اب جب حضور اکو قریش سے آرام ملا اور اللہ نے اُنہیں قتال سے بچا لیا تو آپؐ نے تہیہ کر لیا کہ بنی قریظہ سے اب معاملہ نمٹا ہی لیا جائے تاکہ اُن کے دھوکوں سے حفاظت ہو اور وہ دشمنوں سے مل کر مسلمانوں کو ختم کرنے کی پھر کوئی سازش نہ کر سکیں۔ حضورؐ نے حکم دیا کہ یہ اعلان کیا جائے :
((مَن کَانَ سَامعاً مُطِیعاًفَلا یصلین العصر إلا بِبَنِی قریظۃ))
جو کوئی سن کر اطاعت کرنے والا ہو وہ عصر کی نماز بنی قریظہ(کے علاقہ میں )پہنچ کر ہی پڑھے۔
حضرت علیؓ اسلام کا پرچم لے کر آگے بڑھے اور مسلمان خوشی اور سرور سے بھرے اُن کے پیچھے پیچھے چل پڑے یہاں تک کہ بنی قریظہ پہنچ کر بنی قریظہ کا محاصرہ کر لیا جو پچیس راتوں تک چلا۔ یہودیوں نے اپنا قاصد حضورؐ کے پاس بھیجا کہ وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ کافی مذاکرات کے بعد وہ اس بات پر راضی ہوئے کہ وہ حضرت سعد ابن معاذؓ کا فیصلہ قبول کر لیں گے۔ سعد ابن معاذؓ نے فیصلہ سنایا کہ اُن کے سپاہیوں کو قتل کر دیا جائے، عورتوں اور بچوں کو قیدی بن لیا جائے اور مال و اموال ضبط کر لئے جائیں۔ اس فیصلہ پر عمل درآمد کر دیا گیا اور مدینہ ہمیشہ کے لئے یہود کے شر و فساد سے پاک ہو گیا۔
احزاب کی اِس شکست سے عربوں کی یہ آخری کوشش کے مسلمانوں کو ختم کر دیا جائے، یہیں ختم ہو گئی اور بنو قریظہ کا یہ فیصلہ ہونے کے بعد یہودیوں کے تینوں قبیلے جو مدینہ میں آباد تھے اور جنہوں نے حضورؐ سے معاہدے کر رکھے تھے اور یکے بعد دیگرے معاہدوں کی خلاف ورزی کی تھی، وہ یا تو مدینہ سے نکال باہر کئے گئے یا ہلاک کر دئے گئے۔ اب معاملہ پوری طرح سے مسلمانوں کے موافق تھا اور عرب مسلمانوں کے دبدبہ سے مرعوب ہو چکے تھے۔

صلح حدیبیہ

حضور اکرمؐ کی ہجرت کو چھ سال گزر چکے تھے، اب آپؐ کو اپنی فوج اور مدینہ کے معاشرے کی طرف اطمینان تھا اور عرب کے تمام قبائل بھی اسلامی ریاست سے مرعوب تھے۔ حضورؐ ایسی تدابیر اختیار کرنا چاہ رہے تھے جن سے اسلام کی دعوت عام ہو، ریاستِ اسلامی اور مضبوط ہو اور اسلام کے دشمن کمزور ہوں۔ اس وقت آپؐ کو خبریں ملیں کہ خیبرؔ اور مکہ کے لوگ آپس میں مل کر مدینہ پر چڑھائی کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ چنانچہ حضورؐ نے ایسی حکمتِ عملی اختیار کی جس سے قریش باقی عربوں سے کٹ جائیں اور اس طرح جزیرہ نمائے عرب میں دعوت کے فروغ کا راستہ ہموار ہو اور اہل خیبر قریش سے دور ہو جائیں۔ آپؐ نے فیصلہ فرمایا کہ یہ اس طرح ہو سکتا ہے کہ آپؐ بیت اللہ کی زیارت کی غرض سے پر امن طریقہ سے مکہ جائیں۔ آپؐ نے سوچا کہ عربوں کا حرام مہینوں میں جنگ نہ کرنے کا رواج اس منصوبہ میں معاون ثابت ہو گا اور اس سے مقصد بھی حاصل ہو جائے گا۔ آپؐ اس حقیقت سے بھی واقف تھے کہ قریش میں اب وہ وحدت نہیں رہی تھی اور وہ مسلمانوں سے خائف بھی تھے، لہٰذا وہ مسلمانوں کے بارے میں بغیر سوچے سمجھے کوئی قدم نہیں اُٹھا پائیں گے۔ لہٰذا آپؐ نے حج پر جانے کا فیصلہ کر لیا۔ اب اگر قریش حج کرنے کے لئے منع بھی کریں تو یہ بھی دعوتِ اسلامی کا ایک وسیلہ بن جائے گا اور عربوں میں قریش کے خلاف ایک اچھا خاصہ ہتھیار ہاتھ آ جائے گا، کیونکہ عرب اس بات کو کبھی پسند نہیں کریں گے کہ حاجیوں کو حج سے روکا جائے۔ چنانچہ آپؐ نے ذی قعدہ کے مہینہ میں اعلان کر دیا کہ آپؐ حج پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی عرب کے دوسرے قبائل کو بھی دعوت بھیجی کہ وہ بھی آپؐ کے ساتھ حج پر چلیں اور پر امن طریقہ سے بغیر اپنے ساتھ ہتھیار لئے۔ یہ تمام قبائل غیر مسلم تھے۔ اس سے مقصد یہ تھا کہ عرب لوگوں کو یہ بات معلوم ہو کہ آپؐ حج کے لئے جا رہے ہیں نا کہ لڑائی کیلئے، اور اُن لوگوں کو جواسلام میں نہیں ہیں، شامل کرنے سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ آپؐ قتال نہیں چاہتے۔ اس سے قریش کے حج کو منع کرنے کی صورت میں عربوں کی رائے عامہ کو جیتنا مقصود تھا، اسی لئے بغیر ہتھیار کے نکلنے کا اعلان کیا گیا تھا، صرف اپنی تلواریں رکھنے کو کہا تھا اور وہ میانوں میں۔ مسلمانوں کو یہ بات واضح کر دی گئی تھی کہ حج کے لئے نکلنا ہے نہ کہ قتال کے لئے۔
آپؐ اپنی اونٹنی ’قصویٰ‘ پر سوار مدینہ سے حج کے لئے نکلے اور آپؐ کے ساتھ ایک ہزار چار سو صحابۂ کرامؓ تھے۔ ستّر اونٹ بھی آپؐ کے ساتھ تھے۔ مدینہ سے روانگی کے چھ یا سات میل بعد ذی الحلیفہؔ کے مقام پر آپؐ نے اور صحابۂ کرامؓ نے حج کا احرام باندھا اور مکہ کی جانب روانہ ہوئے۔ قریش کو اس بات کی اطلاع ملی کہ مسلمان حج کی کے ارادے سے آ رہے ہیں اور لڑائی کرنا نہیں چاہتے، لیکن پھر بھی اُنہوں نے یہ سوچا کہ ہو سکتا ہے کہ یہ محمدؐ کا مکہ میں داخل ہونے کے لئے کوئی حربہ ہے۔ لہٰذا انہوں نے فیصلہ کر لیا کہ ہر حال میں مسلمانوں کو مکہ میں داخل ہونے سے روکنا ہے، خواہ کتنا ہی جانی نقصان اُٹھانا پڑے۔ اس کے لئے اُنہوں نے فوج ترتیب دی تاکہ مسلمانوں سے مقابلہ کر کے اُنہیں مکہ میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔ ایک بڑی فوج خالد ابن ولید اور عکرمہ بن ابی جہل کی قیادت میں تیار کی گئی جس میں صرف گھڑسوار دو سو تھے۔ یہ فوج حجاج کی جماعت کو روکنے کے لئے آگے بڑھی اور ذی طویؔ کے مقام پر آ کر پڑاؤ ڈالا۔ حضور اکرمؐ کو قریش کے اس فعل کی خبر ملی کہ قریش نے اُنہیں روکنے کے لئے فوج روانہ کی ہے۔ جب آپؐ مکہ سے دو منزل کی مسافت پر عسفانؔ نام کے قریہ تک پہنچے تو وہاں بنی کعب قبیلہ کا ایک شخص ملا جس سے آپؐ نے قریش کے بارے میں دریافت فرمایا، اُس نے بتایا ’’قریش کو آپ کے آنے کی اطلاع ہے اور وہ ذی طوی میں خیمہ زن ہیں، اُن کے پاس دودھ دینے والی اونٹنیاں ہیں اور وہ شیر کی کھال پہنے ہوئے ہیں اور اللہ کی قسم کھا کر کہتے ہیں کہ چاہے کچھ بھی ہو ہم مسلمانوں کو داخل نہیں ہونے دیں گے۔ اُن کا سردار خالد ابن ولید ہے جو ’کراع الغمیم ؔ، پر موجود ہے ‘‘۔ کراع الغمیم مسلمانوں کے خیمہ یعنی عسفانؔ سے قریب آٹھ میل کے فاصلہ پر واقع ہے۔ حضور اکرمؐ نے جب یہ سنا تو فرمایا’’ قریش پر اللہ کی ملامت ہو، اُنہیں جنگ نے کھا لیا ہے، ا ن کا کیا نقصان ہو اگر وہ مجھے اور سارے عرب کو گزر جانے دیں ؟ا ن کا ارادہ ہے کہ وہ مجھے ختم کر دیں، اور اگر نے مجھے غالب کر دیا تو یہ لوگ فوج در فوج دین میں داخل ہو جائیں گے یا جب تک اُن کے پاس طاقت ہے، یہ مجھ سے لڑتے رہیں گے۔ یہ قریش کیا سمجھتے ہیں ؟اللہ کی قسم میں اس وقت تک جہاد کرتا رہوں گا جب تک کہ جس کام کو دے کر اللہ نے مجھے بھیجا ہے وہ غالب نہ ہو جائے یا میرا خاتمہ ہو جائے ‘‘۔ اب حضور اکرمؐ نے اپنے منصوبہ پر پھر غور فرمایا کہ حکمتِ عملی پر امن ہے اور قتال کی کوئی تیاری نہیں کی ہے، اور قریش نے باوجود اس کے کہ آپؐ قتال نہیں چاہتے، قتال کے لئے اپنی فوج روانہ کی ہے۔ اب سوال یہ تھا کہ کیا واپس جائیں یا اپنی حکمتِ عملی بدل کر قتال کیا جائے۔ آپؐ کو مسلمانوں کی قوتِ ایمانی پر پورا اعتماد تھا کہ و کفار سے قتال کرنے کے لئے تیار ہوں گے اگر جنگ کے سوا اور کوئی چارہ نہ ہو، لیکن اُنہوں نے جنگ کے لئے کوئی تیاری نہیں کی ہے اور نہ ہی آپؐ نے جنگ کا فیصلہ کیا ہے، بلکہ وہ حج کے لئے آئے ہیں اور امن کی نیت ل کر آئے ہیں۔ آپؐ یہ چاہتے تھے کہ جیسی کہ توقع ہے کہ حج کرنے سے روکا جائے گا، تو یہ روکنا بھی پر امن ہو اور قتال کے ذریعہ سے نہ روکا جائے۔ جو پر امن منصوبہ آپؐ نے بنایا تھا اُس سے یہ مقصد حاصل کرنا مقصود تھا کہ اسلام کا عظیم الشان اور پر امن پیغام تمام عربوں کے سامنے آئے اور دعوت کو فروغ ملے اور اُس کے مقابلہ میں قریش اور مشرکین کی گمراہی، اسلام سے بغض اور فسوق واضح ہو اور عربوں کی رائے عامہ اس سے متاثر ہو۔ آپؐ اچھی طرح جانتے تھے کہ رائے عامہ کا ایسا ماحول دعوت اسلام کے لئے بہت کارگر ہو گا اور اس سے دعوت کے پھیلنے میں بڑی مدد ملے گی اور فتح نصیب ہو گی اور اسی مقصد کو حاصل کرنے کے لئے پر امن منصوبہ بندی کی گئی تھی، اور جنگ کی تیاری نہیں کی گئی تھی۔ لیکن اب اگر جنگ کی جائے تو یہ حکمتِ عملی ناکام ہوتی ہے اور اپنے مقاصد کو ضرب لگتی ہے، جن کو حاصل کرنے کے لئے یہ سفر کیا گیا تھا۔ لہٰذا آپؐ بہت فکر مند ہوئے اور آپؐ کی یہ فکر کسی بھی انسان کی سوچ سے کہیں زیادہ سنجیدہ، دور رس، دنیا داری کے لحاظ سے بہت گہری اور سیاست کے تقاضوں کے اعتبار سے بہت باریک سوچ تھی۔ لہٰذا آپؐ نے فیصلہ فرمایا کہ اپنی پر امن حکمتِ عملی پر قائم رہیں گے تا کہ وہ مقصد زائل نہ ہو جس کے لئے یہ سفر کیا گیا ہے، اور یہ نہ ہو کہ قریش کو ایک بہانہ مل جائے اور عربوں کی رائے عامہ اسلام کے بجائے قریش کے حق میں ہو جائے، چنانچہ آپؐ نے لوگوں میں اعلان فرمایا:
((من رجل یخرج بنا علی طریق غیر طریقھم التي ھم بھا؟))
کون شخص ہمیں ایسے راستہ سے نکال لے جائے گا جس پر وہ (کفار) نہیں گزرتے ؟
ایک شخص آگے بڑھا اور مسلمانوں کو ایسے راستے سے لے گیا جو بہت ہی پتھریلا اور دشوار گزار تھا، یہ راستہ نکل پہاڑیوں کے درمیان سے گزر کر حدیبیہؔ کے مقام کو پہنچا جو مکہ کے نچلے علاقہ میں واقع ہے۔ یہاں مسلما ن نے اپنے خیمے نصب کئے، جب خالد ابن ولید اور عکرمہ ابن ابی جہل نے اِنہیں دیکھا تو وہ خوف زدہ ہو گئے اور مکہ کی طرف فرار اختیار کی تا کے اُس کی محافظت کی جا سکے۔ مسلمانوں کے اس بیباک قدم سے کفار دہل کر رہ گئے وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ مسلمان بغیر روک ٹوک کے اتنی قریب آ جائیں گے۔ اب مشرکین کی فوج مکہ میں تھی اور مسلمان حدیبیہؔ کے مقام پر خیمہ زن۔ دونوں فریق اس بات پر غور کر رہے تھے کہ اگلا قدم کیا اُٹھایا جائے۔ بعض مسلمان یہ سوچ رہے تھے کہ یہ کسی طرح ممکن نہیں کہ قریش اُنہیں بغیر جنگ کے حج کرنے دیں گے، اس لئے اب ہمارے سامنے اس کے سوا کوئی چارا نہیں کہ جنگ کر فتح حاصل کریں اور پھر حج کریں، اس طرح قریش کا کام ہمیشہ کے لئے تمام ہو جائے گا۔ ادھر قریش یہ سوچ رہے تھے کہ جنگ کر کے اپنی تمام تر قوت کو بروئے کار لایا جائے اور مسلمانوں کو واپس جانے پر مجبور کر دیا جائے، چاہے اس کوشش میں وہ پورے کے پورے فناء ہو جائیں۔ لیکن ساتھ ہی وہ مسلمانوں کی قوت اور تیاری کے بارے میں ہر ممکنہ لحاظ سے فکر مند تھے کہ مسلمانوں کی کیا حکمتِ عملی ہو گی۔ لیکن ادھر حضور اکرمؐ اپنی اسی حکمتِ عملی پر قائم تھے جو آپؐ نے عمرہ کی نیت کرتے وقت تیار کی تھی۔ اب آپؐ کو قریش کے اگلے قدم کا انتظار تھا، آپؐ یہ جانتے تھے کہ قریش اُن سے لرزے ہیں اور وہ بالآخر اپنا نمائندہ ضرور بھیجیں گے تاکہ آپؐ کے حج پر جانے کے لئے گفت و شنید کی جائے۔ کچھ ہی انتظار کے بعد قریش نے بدیل ابن ورقہ کو الخزاعہ قبیلہ کے کچھ افراد کے وفد کے ساتھ بھیجا۔ یہ وفد تھوڑی سی گفتگو کے بعد اس بات سے مطمئن ہو گئے کہ مسلمان لڑائی کے لئے نہیں بلکہ بیت اللہ کی زیارت کے لئے آئے ہیں۔ یہ لوگ واپس آئے کہ قریش کو اس بات کا یقین دلا سکیں، ان لوگوں نے کوشش بھی کی لیکن قریش نے الٹا ان پر الزام لگایا کہ اس وفد کا میلان محمدؐ کی طرف جھکا ہوا ہے، اور ان کی بات کا یقین نہیں کیا۔ پھر قریش نے مکرز ابن حفص کی قیادت میں ایک اور وفد روانہ کیا اور اُن کے ساتھ بھی یہی کچھ پیش آیا۔ اس کے بعد قریش نے حلیس ابن علقمہ کو بھیجا جو حبشیوں کا سردار تھا، تاکہ وہ مذاکرات کرے۔ اس سے کفار کا منشاء یہ تھا کہ وہ مسلمانوں کو روکے اور اگر بات چیت ناکام ہوتی ہے تو حلیس کے دل میں مسلمانوں سے نفرت اور بڑھ جائے گی اور سے مکہ کے دفاع میں مدد ملے گی۔ جب حضور اکرمؐ کو حلیس کے آنے کی خبر ہوئی تو آپؐ نے حکم دیا کہ قربانی کے اونٹوں کو کھلا چھوڑ دیا جائے تا کہ جب وہ آئے تو جانور سامنے ہوں اور حلیس کے سامنے یہ واضح دلیل ہو کہ مسلمان حج کے ارادے سے آئے ہیں، لڑائی کی نیت سے نہیں۔ جب حلیس مسلمانوں کے خیموں کے پاس آیا تو کھلے ہوئے اونٹ وادی کے عرض میں گھوم رہے تھے اور لوگوں کو دیکھنے سے یہ نہیں لگتا تھا کہ یہ قتال کے ارادے سے آئے ہیں، ہر طرف عبادت کا ماحول تھا۔ اس چیز نے حلیس کو متاثر کیا اور اُسے یقین آ گیا کہ مسلمان حج کے لئے آئے ہیں جنگ کی نیت سے نہیں۔ لہٰذا حلیس حضور اکرمؐ سے ملاقات کئے بغیر مسلمانوں کی نیت سے مطمئن ہو کر مکہ لوٹ گیا۔ اُس نے مکہ پہنچ کر قریش کو احوال سے آگاہ کیا اور یہ مطالبہ کیا کہ قریش مسلمانوں کو حج کر لینے دیں۔ پھر وہ غضب ناک ہو گیا اور قریش کو خبر دار کیا کہ اگر وہ محمدؐ اور کعبہ کے درمیان آئے تو وہ تمام حبشیوں کی فوج لے کر وہاں سے ہٹ جائے گا۔ اب کفار نے اپنا رویہ ذرا نرم کیا تاکہ حلیس کو نرم کریں اور کہا کہ اُنہیں کچھ مہلت درکار ہے تاکہ وہ معاملہ پر اچھی طرح سے غور کر سکیں۔ حلیس اس بات پر راضی ہو گیا۔ اب قریش نے عروہ ابن مسعود الثقفي کو بھیجا اور اُس کو یقین دلایا کہ وہ اُس کی رائے اور معاملہ فہمی پر اعتماد کرتے ہیں۔ عروہ نے حضور اکرمؐ کو ہر طرح سے منانے کی کوشش کی کہ وہ واپس چلے جائیں، اس نے ہر چال آزما کر دیکھ لیا لیکن کامیاب نہیں ہوا، آخرکار اُسے حضور اکرمؐ کے موقف سے اتفاق کرنا پڑا۔ اُس نے آ کر قریش سے کہا:’’اے قومِ قریش! میں نے قیصر کو اس کے ملک میں دیکھا ہے اور کسریٰ اور نجاشی کو اُن کے ملکوں میں دیکھا ہے۔ لیکن کسی بادشاہ کو ایسا نہیں دیکھا جیسا محمدؐ کو اپنے صحابہ کے ساتھ دیکھا۔ وہ لوگ کسی بھی چیز کے عوض محمدؐ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، لہٰذا اب تم سوچ لو’’۔ اس سے قریش کی دشمنی اور خصومت اور بڑھ گئی اور مذاکرات بغیر کسی نتیجہ پر آئے طویل ہوتے گئے۔ اب حضور اکرمؐ نے سوچا کہ ممکن ہے کہ قریش کے سفیر آپؐ سے ڈر تے ہیں، لیکن ہو سکتا ہے کہ ہمارے سفیر قریش کو بات سمجھا پائیں۔ اس لئے اپنا سفیر بھیجنے کا ارادہ کیا۔ حضور اکرمؐ نے خراش بن امیہ الخزاعیؓ کو اپنا سفیر بنایا، لیکن قریش نے اُن کے اونٹ کو ذبح کر دیا اور اگر حبشیوں نے اُن کی حفاظت نہ کی ہوتی تو وہ لوگ اُنہیں بھی قتل کر دیتے۔ اس کے بعد قریش کی دشمنی اور بڑھی، اب اپنے اوباش لڑکوں کو راتوں کو مسلمانوں کے خیموں پر بھیجتے جو خیموں پر پتھر پھینکا کرتے، اس سے مسلمان کو طیش آیا اور وہ قریش سے قتال کرنے کی بات کرنے لگے، لیکن حضور اکرمؐ نے اُنہیں سمجھا کیا۔ پھر قریش نے پچاس آدمی بھیجے کہ وہ مسلمانوں کے خیموں کو گھر لیں اور لوگوں کو ماریں۔ اِن لوگوں کو پکڑ کر حضور اکرمؐ کے سامنے پیش کیا گیا، لیکن رحمتٌ اللعالمینؐ نے اُن سب کو معاف فرما دیا اور اُنہیں جانے کی اجازت دے دی۔ اس واقعہ کا مثبت اثر اہل مکہ پر پڑا کہ حضور اکرمؐ کے سچا ہونے کی یہ دلیلِ قاطع ہے کہ وہ حج کے لئے آئے ہیں قتال کرنے نہیں آئے۔ اس طرح رائے عامہ حضورؐ کی حمایت میں اس حد تک ہو گئی کہ اگر آپؐ مکہ میں داخل ہوتے اور قریش روکنے کی کوشش کرتے تو اہلِ مکہ اور اہل عرب اُن ہی کی مخالفت کرتے۔ اب قریش نے اپنی بھڑکانے والی حرکتیں بند کیں اور اپنے معاملہ پر غور کیا تو پتہ چلا کہ اُن میں ان ہی میں کچھ آوازیں ایسی اُٹھ رہی ہیں جو امن چاہتی ہیں۔ اب حضور ا نے پھر ارادہ کیا کہ سفیر بھیجا جائے جو قریش سے گفت و شنید کرے، اس غرض سے آپ ا نے حضرت عمرؓ کو طلب فرمایا۔ حضرت عمرؓ نے کیا کہ اُنہیں اندیشہ ہے کہ قریش اُن کو قتل کر دیں گے اور مکہ میں بنی عدي ابن کعب کے خاندان کا کوئی نہیں ہے جو اُن کی حمایت کرے، قریش کو اُن سے شدید دشمنی ہے کیونکہ اُنہیں میرا سخت رویہ یاد ہے، میں ایک ایسے شخص کا نام بتاؤں جو مجھ سے بڑھ کر عزت والا ہے اور وہ حضرت عثمان ابن عفانؓ ہیں۔ لہٰذا آپؐ نے حضرت عثمان ابن عفانؓ کو بلایا اور ابو سفیان کے پاس بھیجا۔ حضرت عثمان ابن عفانؓ بطور سفیر پہنچے اور بات کی، قریش نے اُن سے کہا کہ اگر وہ چاہیں تو بیت اللہ کا طواف کر سکتے ہیں، حضرت عثمان ابن عفانؓ نے جواب دیا کہ وہ حضور اکرمؐ کے طواف کرنے کے بعد ہی طواف کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد طویل گفتگو ہوئی لیکن قریش اپنی ضد پر اڑے رہے اور حضرت عثمان ابن عفانؓ کی بات ماننے سے انکار پرتے رہے۔ ان طویل مباحثات کے دوران قریش کو حضرت عثمان ابن عفانؓ کا انداز اچھا لگا اور کئی مشکلوں کے باوجود مباحثات جاری رہے۔ قریش اب کوئی ایسا حل تلاش کرنے میں دلچسپی لے رہے تھے جو طرفین کو قابلِ قبول ہوں اور اس بحران سے نجات ملے اور محمدؐ سے دشمنی کا خاتمہ ہو۔ اس دوران جب مکہ میں حضرت عثمان ابن عفانؓ ہی کا قیام زیادہ طویل ہو گیا اور مکہ سے اُن کی کوئی خبر نہیں آئی تو مسلمانوں کو یہ شبہہ ہوا کہ شاید اُنہیں قتل کر دیا گیا ہے۔ اس سے مسلمانوں کو بہت افسوس ہوا اور غصہ بھی آیا، لوگوں نے اپنی تلواروں کو ہاتھ میں لے لیا۔ حضور اکرمؐ کو بھی یہ خیال ہوا کہ حضرت عثمانؓ قتل کر دئے گئے ہیں۔ حضورؐ نے اب اپنی پر امن حکمتِ عملی پر دوبارہ غور کیا کیونکہ موجودہ حالات کا یہی تقاضہ تھا، بظاہر قریش نے حضرت عثمانؓ کو جو ایک سفیر کی حیثیت رکھتے تھے، ان حرمت والے مہینوں میں دھوکہ دے کر قتل کر دیا تھا۔ چنانچہ آپؐ نے اعلان فرمایا ’’ہم اس قوم سے مقابلہ کئے بغیر نہیں جائیں گے ‘‘۔ آپؐ ایک درخت کے نیچے کھڑے ہوئے اور صحابۂ کرام کو بلایا اور یہ مطالبہ کیا کہ وہ سب بیعت کریں۔ لہٰذا تمام صحابۂ کرامؓ نے پورے جوش، قوت ارادی اور صدقِ ایمان کے ساتھ اس بات کی بیعت کی کہ وہ آخر دم تک لڑتے رہیں گے اور میدان چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ جب یہ بیعت ہو گئی تو آپؐ نے اپنا ایک ہاتھ دوسرے ہاتھ پر رکھ کر پھر حضرت عثمانؓ کی طرف سے بیعت کی جیسے وہ ساتھ موجود ہوں۔ یہ بیعت رضوان کہلائی جس کے بارے میں اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ نے فرمایا:
(لَّقَد رَضِیَ اللہ عَنِ المُؤمِنِینَ اِذ یُبَایِعُونَکَ تَحتَ الشَّجَرَۃِ فَعَلِمَ مَا فِی قُلوبِھِم فَأَنزَلَ السَّکِینَۃَ عَلَیھِم وَ أَثٰبَھُم فَتحَاً قَرِیبَاً)
(ترجمہ معانی: سورۂ فتح :آیت :۱۸)
ادھر بیعت ہو جانے کے بعد مسلمانوں نے جنگ کی تیاری شروع کر دی تھی، ادھر خبر آئی کہ حضر ت عثمان ؓ کے قتل کی اطلاع غلط تھی اُنہیں قتل نہیں کیا گیا تھا، پھر حضرت عثمان ؓ لوٹ آئے اور حضور اکرمؐ کو قریش سے ہونے والے مذاکرات کے بارے میں تفصیل بتائی۔ اب پھر حضور اکرمؐ اور قریش کے مابین پر امن مُذاکرات شروع ہوئے۔ قریش نے سہیل بن عمرو کو حضور اکرمؐ سے مذاکرات کے لئے بھیجا اور یہ مذاکرات حج اور عمرہ کے مسئلہ سے زیادہ وسیع معاملہ پر ہوئے۔ اِن مذاکرات کا دائرہ فریقین کے مابین صلح کا تھا، جس کے لئے شرط یہ تھی کہ مسلمان اس سال بغیر حج کئے ہی لوٹ جائیں۔ حضورؐ نے اس بات کو تسلیم کر لیا، کیونکہ اس سے وہ غرض پوری ہو رہی تھی جو شروع سے زیارتِ کعبہ کے سفر میں کارفرما تھی، حضورؐ کو اس بات میں کوئی مضائقہ نہیں تھا کہ حج اس سال کیا جائے یا آئندہ سال۔ حقیقی مقصد تو یہ تھا کہ اہلِ خیبر کو قریش سے الگ کر دیا جائے اور قریش سے معاہدہ کے بعد جزیرہ نمائے عرب میں دعوتِ اسلامی نشر ہو سکے اور اس لئے ضروری تھا کہ قریش سے قتال نہ بھڑکے، رہی بات حج اور عمرہ کی، تو اس میں یہ اہم نہیں تھا کہ حج اس سال کیا جائے یا آئندہ۔ اب مذاکرات شروع ہوئے جو کافی طویل تھے، اس میں جنگ بندی اور اس کی شرائط زیرِ بحث تھیں۔ اِن مذاکرات کے دوران کئی ایسے موقعے آئے جب ایسا لگتا تھا کہ یہ مباحثات بغیر کسی نتیجہ تک پہنچے ٹوٹ جائیں گے، لیکن حضور اکرم ا کی دور اندیشی، دقیق سیاسی بصیرت اور حقیقت شعاری کے سبب ایسی نوبت نہیں آ پائی۔ ان مذاکرات کے دوران مسلمان حضورؐ کے آس پاس رہے اور وہ اِنہیں حج اور عمرہ کے متعلق مذاکرات سمجھتے رہے جبکہ حضورؐ کے نزدیک اِن کی نوعیت قتال کو روکنے کی تدابیر کی تھی۔ لہٰذا مسلمان اس معاہدہ سے بد دل ہو رہے تھے اور غصہ میں تھے جبکہ حضورؐ اس معاہدہ کو مسلمانوں کے حق میں فتح مان رہے تھے، کیونکہ یہ اُسی رخ پر ہوئے تھے جو حضورؐ نے خود طے فرمایا تھا قطع نظر اُن وقتی فائدوں اور جزئیات کے جو بظاہرمسلمانوں کے مفاد میں نہیں دکھتی تھیں۔ بالآخر اِن طے شدہ شرائط پر معاہدہ ہو گیا۔ البتہ مسلمان اس سے سخت ناراض اور غصہ میں تھے، اُنہوں نے کوشش کی کہ حضورؐ کو اس بات پر راضی کیا جائے کہ وہ اس کو ماننے سے انکار کر دیں اور قریش سے جنگ کریں۔ حضرت عمرؓ حضرت ابو بکر ؓ کے پاس گئے اور کہا ’’ہم کیوں اِسے قبول کریں جبکہ اس میں ہماری توہین ہوتی ہے ‘‘؟ حضرت عمرؓ چاہتے تھے کہ حضرت ابو بکر ؓ کو حضورؐ کے پاس لے جا کر اُنہیں اس بات پر راضی کیا جائے کہ وہ معاہدے کی شروط تسلیم کرنے سے انکار کر دیں، جبکہ حضرت ابو بکر ؓ کی کوشش یہ تھی کہ خود حضرت عمرؓ اس بات پر راضی ہو جائیں، لیکن حضرت عمرؓ شدید غصہ کی حالت میں حضور اکرمؐ کے پاس گئے، لیکن اُن کی باتوں سے حضورؐ کے صبر یا اُن کے ارادے میں کوئی فرق نہیں آیا اور آپؐ نے فرمایا:
((إنِّي عبد اللہ و رسولہ لن أخالف أمرہ و لن یضیعني))
میں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں، اس کے حکم کی خلاف ورزی ہرگز نہیں کروں گا اور وہ مجھے کبھی ضائع نہیں کرے گا۔
پھر آپؐ نے حضرت علی ؓ کو طلب فرمایا اور کہا ’’ لکھو، بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘‘ لیکن سہیل نے ٹونک دیا اور کہا کہ میں نہیں جانتا، بلکہ’’ لکھو باسمک اللھم‘‘ حضور اکرمؐ نے فرمایا’’ لکھو باسمک اللھم ‘‘پھر فرمایا ’’لکھو(اکتب ھذا ما صالح علیہ محمد رسول اللہ سھیل بن عمرو) یعنی جس پر محمد، اللہ کے رسولؐ کا سہیل بن عمرو کے ساتھ معاہدہ ہوا۔ سہیل نے پھر ٹونکا اور کہا کہ اگر میں یہ شہادت دیتا کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں تو آپؐ سے جنگ نہ کرتا، اپنے نام کے ساتھ والد کا نام لکھو۔ پھر حضور اکرمؐ نے فرمایا:’’لکھو(اکتب ھذا ما صالح علیہ محمد رسول اللہ سھیل بن عمرو) یعنی، جس پر محمدؐ ابن عبد اللہ کا سھیل بن عمرو سے معاہدہ ہوا۔ پھر معاہدے کی تفصیلات لکھی گئیں جو اِن دفعات پر مشتمل تھیں :
ا) یہ معاہدہ جنگ بندی کا معاہدہ ہو گا جس کے تحت دونوں فریق ایک دوسرے سے قتال نہیں کریں گے۔
ب) اگر قریش کا کوئی شخص مسمان ہو کر بغیر اپنے ولی کی اجازت سے مدینہ آ جاتا ہے تو اسے واپس مکہ لوٹا دیا جائے گا لیکن اگر مسلمانوں میں سے کوئی شخص مرتد ہو کر مکہ آ جاتا ہے تو اُسے لوٹایا نہیں جائے گا۔
ج) عرب کے ہر قبیلہ کو اختیار ہو گا کہ جو چاہے وہ محمدؐ کے ساتھ معاہدہ کرے اور جو چاہے وہ قریش کے معاہدہ کرے۔
د) اس سال محمدؐ اور مسلمان مکہ سے (بغیر حج کئے )واپس لوٹ جائیں گے اور اگلے سال اس طرح آئیں گے کہ اُن کے پاس اُن کی صرف تلواریں ہوں گی جو میانوں میں ہوں گی، اس کے سوا اور کوئی ہتھیار نہیں ہو گا۔
ھ)یہ معاہدہ محدود مدت کے لئے ہو گا اور اس کی میعاد اس پر دستخط ہونے کے بعد سے دس سال ہو گی۔
محمدؐ اور سھیل بن عمرو نے جس وقت اس معاہدے پر دستخط کئے تو مسلمان شدید غصہ میں بھی تھے اور اس سے ناراض بھی تھے۔ سھیل اُٹھا اور مکہ کی طرف لوٹ گیا، حضور اکرمؐ نے مسلمانوں کے شدید غصہ اور ناراضگی اور اُن میں قریش سے جنگ کرنے کی طرف جو میلان دیکھا تو فکرمند ہوئے اور حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے حجرے کی طرف چلے گئے، جو سفر میں شریک تھیں اور اُنہیں مسلمانوں کا احوال بتایا تو اُنہوں نے فرمایا’’ اے اللہ کے رسولؐ مسلمان کبھی آپ کی حکم عدولی نہیں کریں گے، ہاں وہ اپنے دین، ایمان اور آپ کی رسالت کے اعتبار سیبہت پر جوش ہیں، آپ حلق کیجئے اور جانور ذبح کیجئے، آپ دیکھیں گے کہ مسلمان سارے کے سارے آپؐ کے ساتھ ہیں، پھر اُن کے ساتھ مدینہ لوٹ جائیے ‘‘۔ آپؐ باہر مسلمانوں کے پاس تشریف لائے اور جانور ذبح کئے اور حلق کیا، پھر آپؐ کو سکون محسوس ہوا۔ مسلمانوں نے جب آپؐ کے پر سکون چہرے کو دیکھا تو خود بھی جانور ذبح کئے، یہ بطور عمرے کی قربانی کے تھے، اس کے بعد سب مدینہ کی جانب روانہ ہوئے۔ اسی واپسی کے سفر میں اللہ گنے سورۂ فتح آپؐ پر نازل فرمائی جو آپؐ نے مسلمانوں کو شروع سے آخر تک تلاوت فرما کر سنائی، اب ہر ایک کو یہ بات سمجھ میں آ گئی کہ یہ معاہدہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کی جانب سے مسلمانوں کی فتح کا ہے، پھر مسلمان مدینہ پہنچے۔
اب مدینہ پہنچ کر آپؐ نے پہلے یہودِ خیبر کو ٹھکانے لگانے کے اپنے منصوبہ کی فکر کی، پھر جزیرہ نمائے عرب کے باہر اسلام کی دعوت پھیلانے پر غور فرمایا اور اندرونی طور پر اسے مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کئے۔ قریش سے کئے ہوئے جنگ بندی کے معاہدے کے سبب اب آپؐ کو یہ موقع میسّر آیا تھا کہ باتوں کی طرف توجہ کر سکیں اور بعض ایسے علاقوں کی طرف متوجہ ہوں جہاں توجہ کی ضرورت تھی، یا خارجی رابطوں کی طرف دھیان دیں، اور یہ موقع اس لئے میسر آیا کیونکہ قریش سے اب جنگ بندی طے ہو گئی تھی۔ آپؐ نے اپنے اس منصوبہ کو نہایت دور اندیشی اور باریک بینی سے کئی سخت مشکلات کے باوجود عملی جامہ پہنایا تھا، جب آپؐ حج کے ارادے سے مکہ تشریف لے گئے تھے۔ اس طرح وہ سیاسی مقاصد پورے ہوئے جو شروع سے آپؐ کو مطلوب تھے۔ اس میں کوئی شک و شبہہ نہیں کہ معاہدۂ حدیبیہ ایک عظیم الشان کامیابی تھی جس کے بعض اہم نکات مندرجہ ذیل ہیں :
۱) اس معاہدے کے ذریعہ آپؐ نے عام طور پر عربوں کی رائے عامہ اور خاص طور پر قریش کی رائے عامہ کا جھکاؤ اسلام کی دعوت کی طرف موڑ دیا تھا۔ نتیجتاً مسلمانوں کے احترام میں جہاں اضافہ ہوا وہی قریش کی وقعت کو دھکا لگا تھا۔
۲) اس سے مسلمانوں کی ایمانی قوت اور آپؐ پر بے انتہا اعتبار اور اعتماد کا مظاہرہ ہوا تھا۔ یہ بات کھل کر سامنے آ گئی تھی کہ مسلمان موت سے نہیں ڈرتے اور ہر خطرہ سے نمٹنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔
۳) اس واقعہ سے مسلمانوں کو یہ سبق ملا کہ اسلامی دعوت کے پھیلاؤ کے لئے سیاسی تدابیر کتنی معاون اور سیاسی تدبّر کتنے اہم اور کارآمد ہوتے ہیں۔
۴) اس معاہدے کی رو سے اب وہ مسلمان جو مکہ ہی میں مشرکین کے درمیان رہ گئے تھے، وہ دشمن کے لشکر میں مسلمانوں کے وجود کا سبب بن گئی۔
۵) یہ امر واضح ہوا کہ سیاست میں بہتر سوچ، سچائی اور اپنے وعدہ سے وفاء اہم ترین عناصر ہیں، لیکن ساتھ ہی یہ کہ وسیلہ اختیار کرنے میں سیاسی تدبّر ہو اور اپنے حقیقی مقاصد اور غایات دشمن پر ظاہر نہ ہوں۔

پڑوسی ملکوں سے پیغام رسانی

جب حضورؐ کو جزیرہ نمائے عرب میں دعوت کے کام کی طرف سے اطمینان ہو گیا تو آپؐ نے حجاز کے باہر دعوت کو پھیلانے کے لئے اقدامات کئے کیونکہ دینِ اسلام سارے عالم کے لئے ہے اور حضورؐ کو تمام لوگوں کے لئے مبعوث فرمایا گیا ہے، اللہ کا سورۂ انبیاء میں ارشاد ہے :
(وَمَآ أَرسَلنَٰکَ إلا رَحمَۃً لِلعَالَمِینَ)
اور ہم نے آپ کو تمام جہان والوں کے لئے رحمت بنا کر ہی بھیجا ہے۔ (ترجمہ معانی: سورۂ انبیاء :آیت :۱۰۷)
اور سورۂ سبا میں فرمایا :
(وَمَآ أَرسَلنَٰکَ إلاّ کَآ فَّۃً لِلَّنَّاسِ بَشِیراً وَ نَذِیراً )
ہم نے آپ کو تمام لوگوں کے لئے خوشخبریاں سنانے والا اور دھمکا دینے والا بنا بھیجا ہے۔۔۔
(ترجمہ معانی: سورۂ سبا :آیت :۲۸)
(ھُوَ الَّذِی اَرسَلَ رَسُولَہ بِالھُدیٰ وَ دِینِ الحِقِّ لِیُظھِرَہ عَلَی الدِّینِ کُلِّہٖ وَ لَو کَرِہَ الامُشرِکُونَ)
اسی نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچّے دین کے ساتھ بھیجا ہے کہ اسے تمام مذہبوں پر غالب کر دے، اگر چہ مشرک برا مانیں۔ (ترجمہ معانی: سورۂ توبہ :آیت :۳۳)
اب ریاست کے استحکام اور دعوت کی طرف سے اطمینان ہونے کے بعد آپؐ نے خارجی رابطوں کی طرف قدم اُٹھایا اور بیرون میں میں قاصد روانہ فرمائے۔ خارجی رابطوں سے آپؐ کی مراد دراصل وہ کفار کے وہ علاقہ تھے جو اب تک ریاستِ اسلامی کے اقتدار سے باہر تھے۔ اس سے پہلے جب آپؐ کا اقتدار محض مدینہ تک محدود تھا تو خارجی رابطوں سے مراد قریش اور مدینہ کے باہر دیگر عرب قبائل تھے، پھر جب آپؐ کا اقتدار وسیعہو کر سارے حجاز پر محیط ہوا تو حجاز کے باہر کے علاقوں سے تعلقات کو خارجی تعلق مانا جانے لگا، بعد میں جب حضور اکرم ا کا اقتدار پھیل کر جزیرہ نمائے عرب پر محیط ہوا تو خارجی رابطوں سے مراد جزیرہ نمائے عرب سے باہر مثلاً فارس اور روم سے تعلقات کے ہوئے۔ کیونکہ اب صلحِ حدیبیہ ا ور اہل خیبر سے نمٹنے کے بعد قریب قریب سارے حجاز پر اسلامی ریاست کا اقتدار ہو گیا تھا اور اب قریش کی وہ طاقت نہیں رہ گئی تھی کہ حضور اکرمؐ کے راستے میں آ سکیں۔ اب آپؐ نے پہلے اس بات کو یقینی بنایا کہ اندرونی اقتدار مضبوط ہے اور آنے والی نئی خارجہ منصوبہ بندی کا تحمل ہے، پھر دوسرے ممالک میں اپنے سفراء روانہ کئے۔ جب آپؐ خیبر سے لوٹے تو ایک دن صحابہ سے ملے اور فرمایا:
((إنَّ اللہ قد بعثنی رحمۃً و کافۃً فلا تختلفوا عليَّ کما اختلف الحواریون علی عیس ابن مریم))
بے شک اللہ نے مجھے سارے لوگوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے سو تم میرے بعد میرے بارے میں اختلاف میں نہ پڑجانا جیسے حضرت عیسِیؑ کے بعد اُن کے حواری پڑ گئے تھے۔
صحابہؓ نے دریافت کیا کہ یا رسول اللہ حواری کس طرح اختلاف میں پڑ گئے تھے تو آپؐ نے فرمایا:
((دعاھم إلی الذی دعوتکم إلیہ فأما من بعثہ مبعثاً قریباً فرضی و سلم وأما من بعثہ مبعثاً بعیداً فکرہ وجھہ و تثاقل ))
( حضرت عیسِیؑ نے ) وہی دعوت دی جو میں تمہیں دی، پھر جس کسی کو قریب کے علاقہ میں بھیجا گیا تو وہ راضی خوشی چلا گیا اور جس کسی کو دور دراز بھیجا تو اسے گراں گزرا اور اس نے سستی کی۔
اس کے بعد آپؐ نے اُنہیں بتایا کہ سفراء ہرقل، کسریٰ، مقوقس، حیرۃؔ کے بادشاہ حارث الغسّانی، یمنؔ کے بادشاہ حارث الحمیری، حبشہ ؔ کے نجاشی، عُمانؔ، بحرینؔ اور یمامہؔ کے بادشاہوں کے پاس سفیر کی حیثیت سے بھیجنا چاہتے ہیں۔ صحابہ نے بخوشی اپنی رضامندی ظاہر کی، اور آپؐ کے لئے ایک چاندی کی انگوٹھی تیار کروائی جس پر ’محمد رسول اللہ، تحریر تھا۔ آپؐ نے اِن بادشاہوں کو خطوط تحریر کروائے جن میں اُن کو اسلام کی دعوت دی گئی تھی، پھر دحیہ بن خلیفہ الکلبیؓ کو ہرقلؔ کے پاس، عبداللہ ابن حذافہ السھمی ؓ کو کسریٰ کے پاس، نجاشی کے پاس عمرو ابن امیہ الضمري کو، مقوقس ؔ کے پاس حاطب ابن ابی بلتعہص کو، عُمانؔ کے بادشاہ کے پاس عمرو بن العاص السھمیؓ کو، سلیط ابن عمرو ؓ کو یمامہ ؔ کے بادشاہ کے پاس، العلاء بن الحضرمی ؓ کو بحرینؔ کے بادشاہ کے دربار میں، شجاع بن وھب الاسدی ؓ کو حارث الغسانی بادشاہ تخومِ شام کے پاس اور یمنؔ کے بادشاہ حارث الحمیری کے پاس المہاجر بن امیہ المخزومیؓ کو روانہ فرمایا اور یہ لوگ اپنی اپنی منزل کو جہاں کے لئے بھیجا گیا تھا بیک وقت ہی روانہ ہوئے، اپنے اپنے خطوط مقررہ بادشاہوں تک پہنچائے اور مدینہ لوٹے۔ جن بادشاہوں کو خطوط ارسال کئے گئے تھے قریب قریب سب کے جواب آئے اور یہ جوابات زیادہ تر مثبت تھے، گو کہ بعض جوابات منفی اور گستاخانہ بھی تھے۔ عرب بادشاہوں میں عُمانؔ اور یمن ؔ کے بادشاہوں کے جوابات گستاخانہ تھے جبکہ بحرین ؔ کے بادشاہ کا جواب بہت اچھا بھی اور اس نے اسلام قبول بھی کر لیا۔ یمامہؔ کے بادشاہ نے لکھا کہ اسلام قبول کرنے کو تیار ہے بشرطیکہ اُسے ہی وہاں کا حاکم بنایا جائے، اس بات پر حضورؐ نے اُس پر ملامت بھی کی۔
غیر عرب بادشاہوں میں فارس کے بادشاہ کسریٰ کو جب حضور اکرمؐ کا خط دیا گیا تو وہ بہت غضبناک ہو گیا اور اُس نے خط پھاڑ دیا اور یمنؔ میں اپنے حاکم باذانؔ کو لکھا کہ حجاز کے اِس شخص کا سر اُسے بھیجا جائے۔ حضور اکرمؐ کو جب اس کی اطلاع ملی تو آپ نے فرمایا:’’ مزًّق اللہ مُلکِہ‘‘ یعنی ’’اللہ اُس کے ملک کو پھاڑ دے ‘‘۔ باذان کو جب کسریٰ کا یہ حکم ملا تو اُس نے اسلام کے بارے میں اپنی چھان بین کی اور دینِ اسلام قبول کر لیا اور اس کا اعلان کر دیا، نبی کریمؐ نے اُنہیں وہاں کا عامل بنائے رکھا۔ باذان یمن کے ایک اور علاقہ کے بادشاہ حارث الحمیری سے مختلف تھے۔ قبطی عیسائیوں کے سربراہ مقوقسؔ نے خط کا اچھا جواب دیا اور نبی کریم اکے لئے تحفے بھی بھیجے۔ نجاشی نے بھی مثبت جواب بھیجا اور لکھا کہ اُس نے اسلام قبول کر لیا ہے۔ ہرقلؔ نے حضور نبی کریم اکے اس خط پر کوئی توجہ نہیں کی اور نا تو اپنی فوجیں بھیجیں اور نہ ہی کوئی اور بات کہی اور جب حارث الغسانی نے مقوقس سے اجازت طلب کی کہ وہ نبوت کے اس دعویدار پر چڑھائی کرے تو مقوقس نے اجازت دینے سے منع کر دیا اور حارث الغسانی کو اپنے پاس بیت المقدس طلب کر لیا۔ اِن خطوط کے نتیجے میں عرب جوق در جوق اور فوج در فوج اسلام کے دائرہ میں آنے لگے جو وفود کی شکل میں اللہ کے رسولؐ کے پاس آتے اور اپنے اسلام قبول کرنے کا اعلان کرتے تھے۔ رہے غیر عرب، تو اللہ کے رسولؐ نے اُن سے جہاد کے لئے فوجی تیاریاں شروع کر دیں۔

غزوۂ خیبر

حدیبیہ کے معاہدے سے فارغ ہو کر مدینہ لوٹے پندرہ راتیں ہی گزریں تھیں کہ اللہ کے رسولؐ نے مسلمانوں کو حکم دیا کہ وہ خیبر کے یہود سے جنگ کے لئے تیار ہو جائیں اور یہ شرط رکھی کہ اس غزوہ میں صرف وہی اشخاص حصہ لے سکیں گے جو حدیبیہ میں ساتھ تھے۔ واقعہ یہ تھا کہ حدیبیہ سے پہلے یہ بڑے راز کی خبر ملی تھی کہ خیبر کے یہود قریش کے ساتھ سازش کر کے مدینہ پر چڑھائی کر مسلمانوں کو ختم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ چنانچہ حضور اکرمؐ کا منصوبہ یہ تھا کہ پہلے قریش سے معاہدہ کر کے یہود کو الگ تھلگ کر دیا جائے پھر اُن کی خبر لی جائے۔ لہٰذا اب اپنے منصوبہ کا پہلا حصہ، یعنی قریش سے حدیبیہ کا معاہدہ، کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے بعد اب یہود کا خاتمہ کرنے کے اگلے مرحلہ پر توجہ مرکوز فرمائی۔ اس پس منظر میں اب آپؐ ایک ہزار سپاہیوں کے ساتھ جن میں دو سو گھڑسوار تھے خیبر کی طرف بڑھے، اس فوج کو اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کی مدد و نصرت کا پوری طرح یقین تھا۔ انہوں نے مدینہ اور خیبر کا فاصلہ تین دن میں طے کیا اور اس دوران یہودِ خیبر اِن کی آمد سے بے خبر تھے، جبکہ مسلم فوج نے رات اُن ہی کے قلعہ کے باہر گزاری تھی یہاں تک کہ صبح ہوئی۔ جب صبح یہود اپنے کُدالی پھاؤڑے لے کر کھیتوں کی طرف نکلے اور اُنہوں نے مسلم فوج کو دیکھا تو پیٹھ پھیر کر چلاتے ہوئے بھاگے کہ محمد(ا) اور اُن کے سپاہی آ پہنچے ہیں۔ اللہ کے رسولؐ نے جب یہ سنا تو فرمایا:
((م، خَرِبت خیبر، إنا أذا نزلنا بساحۃ قومٍ فساء صباح المنذَرین))
ف، خیبر برباد ہوئے، ہم جب کسی قوم پر چڑھائی کرتے ہیں تو جنہیں خبردار کیا جا چکا ہے اُن کا برا دن آ جاتا ہے۔
جب سے اُنہیں قریش کے ساتھ مسلمانوں کے معاہدے کی خبر ملی تو یہود خیبر کو یہ اندازہ تھا کہ حضور اکرمؐ اب خیبر پر حملہ کریں گے۔ اُن کے نزدیک قریش نے اُن کے ساتھ کئے ہوئے وعدے سے پلٹے تھے۔ اُن کے بعض لوگوں نے یہ رائے رکھی تھی کہ وادی القریٰ اور تیماء کے یہودیوں کے ساتھ مل کو دوسرے عرب قبائل کے بغیر ہی ایک فوج تیار کی جائے تاکہ مدینہ پر حملہ کیا جا سکے، کیونکہ اب قریش نے مسلمانوں سے معاہدہ کر لیا تھا۔ یہود میں بعض لوگ ایسے بھی تھے جو خطرہ محسوس کر رہے تھے اور ایک دوسرے کو اس سے آگاہ بھی کرتے رہتے تھے، اِن کی رائے تھی کہ مسلمانوں سے معاہدہ کر لیا جائے تاکہ اُن کے دلوں میں یہودیوں کے لئے نفرت ختم ہو۔ یہ لوگ جانتے تھے کہ حضور اکرمؐ نے قریش پر یہ ظاہر کیا تھا کہ اُن کی یہود کے ساتھ سازش چل رہی ہے۔ لیکن بہرحال کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ مسلمان اس قدر پھرتی سے حملہ کر بیٹھییں گے، ، لہٰذا اب اُنہیں بڑی حیرت ہوئی اور اُنہوں نے قبیلۂ غطفان کی مدد حاصل کی۔ یہودیوں نے کوشش کی کہ مسلمانوں کا سختی سے مقابلہ کیا جائے اور اپنے قلعوں میں محفوظ رہا جائے، لیکن مسلمانوں کا حملہ اتنا شدید اور چست تھا کہ اُن کی مزاحمت ذرا کام نہ آئی اور اُن کے تمام قلعے فتح ہو گئے۔ مایوس ہو کر یہودیوں نے صلح کی پیشکش کی کہ اُن کی جان بخش دی جائے۔ حضور اکرمؐ نے یہودیوں کو وہیں رہنے دیا اور اب فتح خیبر کے بعد کیونکہ وہ علاقہ اسلامی ریاست کے زیرِ اقتدار آ گیا تھا اسلئے اب یہ زمینیں مسلمانوں کی تھیں، یہودیوں کو وہاں کام کرنے دیا گیا اور اُنہیں زمینوں کی آدھی پیداوار اپنے لئے رکھ کر آدھی پیداوار مسلمانوں کے لئے دینے کا پابند بنایا گیا۔ اس کے بعد حضور اکرمؐ مدینہ لوٹ آئے اور عمرۂ قضاء کے لئے نکلنے تک وہیں قیام رہا۔
اس طرح یہودِ خیبر کی سیاسی حیثیت کو ختم کر کے اور اُنہیں اسلامی ریاست کے زیرِ اقتدار لانے کے بعد اب شمال میں ملکِ شامؔ تک مسلمانوں کے لئے امن ہو گئی تھی جس طرح قریش سے معاہدے کے بعد جنوب تک امن قائم ہو گئی تھی۔ اب دعوت اسلامی کو سارے جزیرہ نمائے عرب میں پھیلنے کے لئے راستہ صاف ہو گیا تھا اور جزیرہ نمائے عرب کے باہر کے لئے راستہ کھل گیا تھا۔

عمرۂ قضاء

صلحِ حدیبیہ کے فوراً ہی بعد مسلمانوں اور قریش کے درمیان امن کی صورتِ حال ہو گئی تھی، قبیلۂ خزاعہ کا حضور اکرمؐ کے ساتھ معاہدہ ہو گیا اور وہ مسلمانوں کی پناہ میں آ گئے جبکہ قبیلۂ بنو بکر نے قریش کے ساتھ معاہدہ کیا اور اُن کی پناہ میں چلے گئے۔ دونوں فریق ایک دوسرے سے مطمئن ہو گئے تھے، قریش نے اب اپنی توجہ تجارت کے فروغ کی طرف کی تاکہ پچھلے سالوں میں مسلمانوں کے ساتھ جنگوں کے دوران جو کچھ نقصان اُنہوں نے اُٹھایا تھا اُس کی بھرپائی کی جا سکے۔ ادھر حضور اکرمؐ نے اپنی توجہ دعوتِ نبوت کے تمام لوگوں تک پہنچانے میں، ریاستِ اسلامی کو سارے جزیرہ نمائے عرب میں مضبوط کرنے اور ریاست کے اندر امن کے قیام کی طرف مبذول فرمائی۔ چنانچہ آپؐ نے خیبر پر چڑھائی کی اور عرب اور عرب کے باہر بادشاہوں کو خطوط لکھ کر اسلام کی دعوت پیش کی، اور ریاستِ اسلامی کو سارے جزیرہ نمائے عرب کے علاقہ پر محیط کیا۔ پھر صلحِ حدیبیہ کے ٹھیک ایک سال بعد آپؐ نے لوگوں میں اعلان کیا کہ وہ عمرۂ قضاء کی تیاری کریں جس کے لئے پچھلے سال اُنہیں روک دیا گیا تھا۔ اب دو ہزار افراد نے کوچ کیا جن کے پاس صرف اپنی تلواریں تھیں جنہیں میانوں میں رکھا گیا تھا، اس کے علاوہ اُن کے پاس اور کوئی ہتھیار نہیں تھا جیسا کہ حدیبیہ کے معاہدہ میں طے کیا گیا تھا۔ البتہ کیونکہ حضور اکرمؐ کو اہلِ مکہ کے دھوکہ دینے کا خطرہ رہتا تھا اسلئے آپؐ نے سو گھڑسواروں کو محمد ابن مسلمہ کی قیادت میں اپنے آگے جانے کا حکم دیا اور یہ تاکید کر دی کہ اُنہیں مکہ کی حرمت کا لحاظ رکھنا ہے۔ بہرحال مسلمان مکہ پہنچے اور بغیر کسی حادثہ کے عمرہ کے بعد مدینہ منورہ لوٹ آئے۔ اِن کے لوٹنے کلے بعد اہلِ مکہ کا اسلام میں داخل ہونا شروع ہو گیا، حضرت خالد ابن ولید، حضرت عمرو ابن العاص اور کعبہ کے محافظ حضرت عثمان ابن طلحہؓ مشرف باسلام ہوئے۔ اس کے ساتھ مکہ کے بہت لوگ اسلام میں داخل ہوئے اور اسلام کی قوت و دبدبہ میں جہاں اضافہ ہوا، وہیں قریش کی صفوں میں کمزوری گھر کرتی گئی۔

غزوۂ مؤتہ

مختلف بادشاہوں سے جو خطوط کے جوابات آئے تو حضورؐ نے سفراء کے لوٹنے کے بعد ہی جزیرہ نمائے عرب کے باہر دعوت کو عام کرنے کے لئے جہاد کی غرض سے ایک فوج کی تشکیل دینا شروع کر دیا تھا۔ اس مقصد سے آپؐ فارس اور شام کی خبروں پر نظر رکھا کرتے تھے، ملک شام کی کیونکہ حدود ملی ہوئی تھیں اس لئے خبروں پر نظر رکھی جاتی تھی۔ آپ یہ دیکھ رہے تھے کہ دعوتِ اسلام جزیرہ نمائے عرب سے نکل کر جب لوگوں کو معلوم ہو گی تو خوب پھیل سکے گی، اور یہ کہ ملکِ شام ہی سے یہ سلسلہ شروع ہو گا۔ کسریٰ کے یمنؔ میں سابقہ عامل باذانؔ کی طرف سے اطمینان تھا کیونکہ وہ پہلے ہی اسلام قبول کر چکے تھے۔ لہٰذا اب آپؐ نے شام کی جانب فوج بھیجنے کا ارادہ کیا، چنانچہ جمادیٰ الاول ۸ ھ یعنی عمرۂ قضاء کے چند ہی ماہ بعد مسلمانوں کے تین ہزار بہترین سپاہیوں کی فوج تشکیل کی گئی جس کی قیادت حضرت زید ابن حارثہ ؓ کو سونپی اور فرمایا:
((إن أصیب زید فجعفر ابن ابی طالب علی الناَّس فإن أصیب جعفر فعبد اللہ ابن رواحۃ علی النَّاس))
اگر حضرت زید ؓ زخمی ہو جائیں تو حضرت جعفر ابن ابی طالب ؓ قیادت کریں اور اگر جعفرؓ بھی زخمی ہو جائیں تو حضرت عبداللہ ابن رواحہ ؓ قیادت کریں گے۔
فوج روانہ ہوئی، اس میں حضرت خالد ابن ولیدؓ بھی شامل تھے جو صلح حدیبیہ کے بعد اسلام میں داخل ہوئے تھے، حضور اکرمؐ فوج کو بھیجنے کے لئے مدینہ کے باہر تک ساتھ آئے اور اُنہیں نصیحت فرمائی کہ وہ عورتوں، بچوں اور نابیناؤں کو نہ ماریں، گھروں کو مسمار نہ کریں اور درخت نہ کاٹیں۔ پھر آپؐ نے فوج کے ساتھ دعا کی:
((صحبکم اللہ و دفع عنکم و رد ألینا سالمین))
اللہ تمہارے ساتھ ہے وہی تمہاری حفاظت فرمائے گا اور تمہیں بحفاظت ہمارے پاس واپس لائے گا۔
یہ فوج روانہ ہوئی اور اس کے قائد جنگ کے لئے اپنا منصوبہ طے کرنے لگے اور طے کیا کہ جس طرح حضور اکرمؐ کا معمول تھا کہ اچانک حمل کرتے تھے، یہ فوج بھی اسی حکمتِ عملی کو اختیار کرے گی۔ جب یہ فوج شام میں معانؔ کے مقام پر پہنچی تو خبر ملی کہ ہرقل کا مقامی والی مالک ابن زافلہ عرب قبائل سے جمع ایک لاکھ سپاہیوں کی فوج کے ساتھ مقابلہ کو تیار ہے اور خود ہرقل مزید ایک لاکھ سپاہی ساتھ لایا ہے۔ مسلمانوں نے دو راتوں تک معانؔ میں ہی قیام کیا اور یہ سوچتے رہے کہ وہ چند سو سپاہی اس قدر بڑی تعداد کے مقابلہ میں کیا کر پائیں گے۔ عام خیال یہ تھا کہ حضور اکرمؐ کو مراسلہ بھیج کر دشمن کی تعداد بتائی جائے ممکن ہے کہ وہ مدد بھیجیں یا کوئی اور حکم دیں، لیکن حضرت عبد اللہ ابن رواحہ ؓ نے لوگوں کو مخاطب کر کے فرمایا:’’اے لوگو! کیا تمہیں وہ چیز ہی مشکل لگ رہی ہے جس کے لئے ہم گھروں سے نکلے ہیں ؟۔۔۔ شہادت! ہم دشمن سے قوّت یا تعداد کے دم پر نہیں لڑتے بلکہ اُس دین کے دم پر لڑتے ہیں جس سے اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ نے ہمیں نوازا ہے۔ لہٰذا نکلو! ہمارے لئے دونوں ہی راستے اچھے ہیں۔۔۔ فتح یا شہادت۔ دونوں کے دل قوتِ ایمانی سے تازہ ہو گئے اور اُن میں ہمت آ گئی۔ فوج روانہ ہوئی اور آگے بڑھتی ہوئی مشارفؔ کے مقام پر پہنچی جہاں رومی فوج کی ایک جماعت موجود تھی چنانچہ مسلمان وہاں سے ہٹ کر مؤتہؔ کے مقام کو پہنچی اور پڑاؤ ڈال دیا۔ یہیں رومیوں سے جنگ شروع ہوئی جو نہایت خونریز اور شدید تھی جس میں بے پناہ خون بہا اور لوگ ہلاک ہوئے۔ یہ جنگ محض تین ہزار مسلمانوں نے جو صرف شہادت چاہتے تھے، دو لاکھ رومیوں سے لڑی جو مسلمانوں کا کام تمام کرنے آئے تھے۔ معرکہ کے آغاز میں حضرت زید ابن حارثہ ؓ نے اسلام کا پرچم اُٹھایا اور آگے بڑھ کر عین دشمن کے بیچوں بیچ گھس گئے، وہ اپنے سامنے موت کو دیکھ رہے تھے لیکن اُس سے ڈرے نہیں تھے کیونکہ یہ تو اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کے راستہ میں شہادت تھی۔ حضرت زید ابن حارثہؓ ایسی جرأت سے آگے بڑھے جو تصور نہیں کی جا سکتی یہاں تک کہ دشمن کا ایک تیر آ کر اُن کے جسم کو چیرتا ہوا نکل گیا اور وہ شہید ہو گئے۔ اس کے بعد حضرت جعفر ابنِ ابی طالب ؓ نے پرچمِ قیادت سنبھالا جو ابھی محض تینتیس(۳۳) سال کے بہادر اور خوب شکل جوان تھے۔ وہ بڑی بہادری سے دشمن کی صفوں میں چلے گئے یہاں تک کہ دشمن نے اُن کے گھوڑے کو گھیر کر زخمی کر دیا، حضرت جعفرؓ گھوڑے سے اتر کر صرف اپنی تلوار سے لڑتے رہے۔ ایک رومی سپاہی نے اُن کو ایک کاری ضرب لگا کر جسم کے ٹکڑے کر دئے۔ حضرت جعفر ابنِ ابی طالب ؓ کی شہادت کے بعد حضر ت عبد اللہ ابن رواحہ ؓ نے پرچم اُٹھا کر فوج کی قیادت سنبھالی اور قدرے تردّد کے باوجود آگے بڑھتے رہے اور شہید کر دئے گئے۔ اس کے بعد ثابت ابن اقرم نے پرچم اُٹھا کر لوگوں سے کہا:’’ اے لوگو!ایک شخص کے گرد جمع ہو جاؤ‘‘۔ فوج حضرت خالد ابنِ ولید ؓ کے گرد جمع ہو گئی۔ حضرت خالد ابنِ ولید نے پرچم سنبھالا اور فوج کا دورہ کر کے اُن کی مناسب صف بندی کی اور تھوڑی بہت جھڑپیں ہوتی رہیں، پھر شب کے وقت دونوں فوجیں صبح تک کے لئے پیچھے ہٹ گئیں۔ اس رات کو حضرت خالد ابنِ ولید ؓ نے ایسا منصوبہ تیار کیا جس سے بغیر قتال کے مزید جنگ سے بچ جائیں کیونکہ دشمن ایک بہت ہی بڑی طاقت لے کر سامنے تھا۔ اس حکمتِ عملی کے بموجب اُنہوں نے اپنی فوج کی خاصی تعداد کو پابند کیا کہ وہ علی الصبح پیچھے ہٹ کر کچھ دور چلے جائیں اور شور کرتے ہوئے آگے بڑھیں، اس سے دشمن کو لگے گا کہ اللہ کے رسولؐ نے مزید کمک بھیج دی ہے جس سے وہ بوکھلا گئے لیکن اب حضرت خالد ابنِ ولید ؓ نے حملہ نہیں کیا جیسی کہ اُن کی حکمتِ عملی تھی، اس سے دشمن کو اطمینان ہوا اور ادھر حضرت خالد ابنِ ولیدؓ اپنی فوج کو لیکر مدینہ لوٹ گئے۔ یوں اس منصوبہ کی بدولت مسلمان نہ جنگ جیتے اور نہ ہارے لیکن ایک کارنامہ انجام دیا۔
فوج کی پوری قیادت اور تمام بہادر فوجی موت کو محسوس کر رہے تھے بلکہ اپنے سامنے دیکھ رہے تھے، لیکن پھر بھی انہوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور قتل بھی ہوئے کیونکہ اسلام ایک مسلمان کو یہی حکم دیتا ہے کہ وہ اللہ کی راہ میں جہاد کرے یہاں تک کہ یا وہ خود قتل ہو جائے یا دشمن کو ہلاک کر دے اور یہ کہ یہ سودا نفع کا سودا ہے کیونکہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کی راہ کا سودا ہے۔ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کا فرمان ہے :
(إنَّ اللہَ اشتَریٰ مِنَ المُؤمِنِینَ اَنفُسَھُم وَ اَموَالَھُم بِأنَّ لَھُم الجَّنَّۃَ ط یُقاَتِلُونَ فِی سَبِیلِ اللہِ فَیَقتُلُونَ وَ یُقتَلُون قف وَعداً عَلَیہِ حَقّاً فِی التَورٰئۃِ وَ الإِنجِیلِ وَ القُراٰنِ طِ وَ مَن اَوفَیٰ بِعَہدِہٖ مِنَ اللہِ فَاستَبشِرُوا بِبَیعِکُم الَّذی بَایَعتُم بِہٖ ط وَذَٰلِکَ الفَوزُالعَظِیم )
بلا شبہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں سے ان کی جانوں کو اور ان کے مالوں کو اس بات کے عوض خرید لیا ہے کہ ان کو جنت ملے گی ۔ وہ لوگ اللہ کی راہ میں لڑتے ہیں جس میں قتل کرتے ہیں اور قتل کئے جاتے ہیں، اس پر سچا وعدہ کیا گیا ہے توریت میں اور انجیل میں اور قرآن میں اور اللہ سے زیادہ اپنے عہد کو کون پورا کرنے والا ہے۔
(ترجمہ معانی : سورۂ توبہ :آیت: ۱۱۱)
اسی غرض سے یہ فوج لڑی تھی حالانکہ موت یقینی تھی۔ مسلمان کو جب کوئی اور راہ نہ بچے تو وہ لڑنے سے پیچھے نہیں ہٹتا، خواہ موت یقینی ہو یا نہ ہو۔ جہاد اور قتال میں معاملہ کی ناپ تول کا معیار دشمن کی طاقت یا تعداد نہیں ہوتا بلکہاس سے قطع نظر جہاد سے حاصل ہونے والے نتائج پیشِ نظر ہوتے ہیں چاہے اُن میں جانی نقصان کچھ بھی ہو۔ مؤتہ کی جنگ میں صورتِ حال یہ تھی کہ مسلمانوں کو بہرحال یہ لڑائی تو لڑنا ہی تھی خواہ فوج کی قیادت کی نظر میں سامنے کتنی ہی خون سے لتھ پتھ لاشیں ہوں۔ پھر مسلمان اللہ کے راستہ میں کسی بھی شئے کو خاطر میں نہیں لاتا اور نہ موت کو اہمیت دیتا ہے۔ حضرت نبی کریم ا اس سے اچھی طرح واقف تھے کہ رومیوں سے اُنہی کی حدود میں جا کر لڑنے میں کس قدر خطرات کا سامنا ہے، لیکن بہرحال رومیوں کو یہ جتا دینا ضروری تھا کہ مسلمان کس قدر بہادری اور دلیری سے لڑتے ہیں چاہے اُن کی تعداد کتنی ہی قلیل ہی ہو۔ اسی طرح اُن کو مسلمانوں کے دبدبہ اور رعب سے آگاہ کیا جا سکتا تھا۔ یہ خطرہ تو مول لینا ہی تھا تاکہ آئندہ جہاد کا راستہ کھلے جس سے اسلام کی دعوت اُن علاقوں میں پھیلائی جا سکے جو مسلمان فتح کرنے والے تھے۔ نیز یہ بھی کہ یہی معرکہ جنگِ تبوک کا پیش خیمہ بنا اور اسی جنگ میں مسلمانوں کی حکمتِ عملی سے مقابلہ آرائی سے رومی دہشت زدہ ہوئے اور بالآخر شام کی فتح حاصل ہوئی۔

فتحِ مکہ

مسلمان جب مؤتہ کی لڑائی سے واپس آئے جس میں بہت زیادہ جانی نقصان اُٹھانا پڑا تھا تو قریش کو یہ خیال ہوا کہ اِن کا خاتمہ ہو گیا ہے، اس لئے اُنہوں نے اپنے حلیف قبیلۂ بنی بکر کو مسلمانوں کے خلاف اُکسایا اور ہتھیاروں سے مدد کی کہ وہ مسلمانوں کے حلیف قبیلۂ خزاعہ پر حملہ کریں۔ بنی بکر نے خزاع پر حملہ کر کے اُن کے کچھ لوگ قتل کر دئے تو خزاعہ مکہ پہنچ گئے اور اُن کے سردار عمرو بن سالم الخزاعی حضور اکرمؐ کے پاس مدینہ گئے اور انہیں تمام احوال سے آگاہ کر کے ان سے مدد چاہی۔ حضورؐ نے فرمایا’’ اے عمرو بن سالم تمہاری مدد ہو‘‘۔ حضورؐ نے فیصلہ کیا کہ قریش نے یہ عہد شکنی کی ہے اور اب اس حل یہی ہے کہ مکہ فتح کر لیا جائے۔ ادھر قریش کو بھی اس عہد شکنی کی وجہ سے خوف تھا چنانچہ اُنہوں نے معاہدۂ حدیبیہ کو پکا کرنے اور اس کی مدت بڑھوانے کے لئے ابو سفیان کو بھیجا۔ ابو سفیان مدینہ پہنچے تو حضورؐ سے ملنے سے کترا رہے تھے چنانچہ وہ اپنی بیٹی حضرت امّ حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے گھر کی طرف گئے جو ازواجِ مطہرات میں سے تھیں۔ جب وہ حضور پاک اکے بستر پر بیٹھنے لگے تو حضرت امّ حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے اس بستر کو لپیٹ کر رکھ دیا، ابو سفیان نے پوچھا کہ کیا تم نے یہ بستر اس لئے لپیٹ دیا کہ میں اس بستر کے لائق نہیں ہوں یا اس لئے کہ یہ بستر میرے لائق نہیں ہے ؟ حضرت امّ حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے جواب دیا کہ یہ بستر حضور پاک اکا اور تم ایک ناپاک و نجس مشرک ہو، میں نہیں چاہتی کہ تم اس پر بیٹھو۔ ابو سفیان نہایت غضبناک حالت میں بیٹی سے یہ کہتے ہوئے باہر نکل گئے کہ تم نے جب سے مجھے چھوڑا ہے تو خراب ہو گئی ہو۔ پھر وہ حضور اکرمؐ کے پاس گئے اور اُن سے معاہدے کی میعاد بڑھانے کی بات کی لیکن آپؐ نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس کے بعد وہ حضرت ابو بکر صدیقؓ کے پاس گئے اور ان سے کہا کہ وہ حضور اسے بات کریں لیکن حضرت ابو بکر ؓ نے منع کر دیا۔ اب وہ حضرت عمر ؓ کے پاس گئے۔ حضرت عمر ؓ نے بھی انہیں جھڑک دیا اور فرمایا’’ کیا میں تم لوگوں کی اللہ کے رسولؐ سے سفارش کروں ؟ اللہ کی قسم اگر میرے پاس صرف ایک ذرہ بھی رہ جائے تو میں اُسی سے تم سے جہاد کروں گا‘‘۔ اس کے بعد وہ حضرت علی ؓ کے پاس گئے جہاں حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بھی تھیں، اُنہیں اپنے آنے کی غرض بتائی اور حضور اسے سفارش کرنے کو کہا۔ حضرت علی ؓ نے جواب دیا کہ جب حضورؐ کسی بات کا فیصلہ کر لیں تو کوئی بھی انہیں اُس فیصلہ پر عمل کرنے سے نہیں روک سکتا۔ ابو سفیان نے اب حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے رجوع کیا اور درخواست کی کہ وہ اپنے بیٹے حضرت حسنؓ کو اس کام میں لائیں جو ابھی بہت کم عمر تھے، رت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ ایک تو حسن ؓ بہت چھوٹے ہیں اور دوسے یہ کہ اللہ کے رسول کے معاملات میں کوئی بھی ایسا نہیں جو مداخلت کر سکے۔ ابو سفیان ہر طرف سے مایوس ہو کر مکہ لوٹ گئے اور لوگوں کو اپنی روداد سنائی۔ ادھر حضور اکرمؐ نے فوراً لوگوں کو تیار ہونے ہونے کا حکم دیا اور اُن کے ساتھ مکہ کے لئے روانہ ہوئے۔ اس طرح آپؐ کا منشاء یہ تھا کہ قریش کو اچانک گھیر لیا جائے اور وہ اس طرف سے غافل ہوں تاکہ بغیر کسی خوں ریزی کے ہی وہ ہتھیار ڈال دیں۔
یہ فوج جس کی تعداد دو ہزار تھی روانہ ہوئی اور مکہ سے تقریباً اکیس(۲۱) کلومیٹر کے فاصلہ پر مرّ الظھرانؔ کے مقام تک پہنچی۔ ابھی تک قریش کو اس فوج کے آنے کی خبر نہیں ہوئی تھی لیکن اُنہیں مکہ پر خطرہ کا بہرحال اندازہ تھا اور وہ اس کے بچاؤ کی تدبیروں پر آپس میں بحثیں کر رہے تھے۔ ابو سفیان جو مکہ کی حفاظت اور اس کو درپیش خطرات سے چوکس رہتے تھے اطراف میں گشت کر رہے تھے کہ اُنہیں حضرت عباس ابن عبد المطلبؓ ملے جو اسلام میں داخل ہو چکے تھے اور حضورؐ کے خچّر پر سوار تھے۔ حضرت عباس قریش کو خبردار کرنے جا رہے تھے کہ وہ مسلمانوں کی پناہ حاصل کر لیں کیونکہ اُن کے پاس اب اور کوئی راستہ رہ نہیں گیا ہے۔ جب یہ دونوں ملے تو حضرت عباس ؓ نے ابو سفیان سے کہا ’’ یہ اللہ کے رسول آ پہنچے ہیں اور اگر قریش مسلمانوں کی پناہ میں نہیں آ جاتے تو اُن کے لئے صرف ہلاکت ہی ہو گی‘‘۔ ابو سفیان نے حضرت عباس ؓ سے پوچھا’’ میرے ماں باپ تم پر قربان، اب کیا راستہ رہ گیا ہے ‘‘؟جواباً حضرت عباس ؓ نے ابو سفیان کو خچر کے پیچھے بٹھایا اور دونوں چلے، راستہ میں حضرت عمر ؓ نے جب انہیں آتے دیکھا تو حضورؐ کے خچر کو اور ابو سفیان کو پہچان لیا اور سمجھ گئے کہ یہ حضورؐ کے پاس کس غرض سے جا رہے ہیں، چنانچہ وہ حضورؐ کے خیمہ کی طرف دوڑے اور یہ مطالبہ کیا کہ ابو سفیان کی گردن اُڑا دی جائے۔ ادھر حضرت عباس ؓ بھی پہنچ گئے اور کہا کہ انہوں نے ابو سفیان کو پناہ دی ہے، حضرت عباس اور حضرت عمرؓ کے درمیان گرم بحث ہوئی۔ حضور اکرمؐ نے حضرت عباس سے کہا کہ وہ ابو سفیان کو لے کر اپنے خیمہ میں چلے جائیں اور صبح کو اُن کے پاس لائیں۔ اگلی صبح جب ابو سفیان کو حضورؐ کے پاس لایا جا رہا تھا تو اُنہوں اسلام قبول کیا اور جب حضور اکے پاس پہنچے تو حضرت عباس ؓ نے حضورؐ سے کہا کہ ابو سفیان کو اپنی خود داری اور غرور نہایت عزیز ہیں لہٰذا آپؐ یسا کچھ کر دیجئے جس سے اس کی خود داری بنی رہے۔ حضور اکرمؐ نے فرمایا:
((نعم، من دخل دار ابی سفیان فھو آمن، و من أغلق بابہ فھو آمن، ومن دخل المسجد فھو آمن))
ہاں، جو کوئی ابو سفیان کے گھر میں داخل ہو گیا وہ محفوظ ہوا، جس نے ابو سفیان کے گھر کا دروازہ بند کیا وہ محفوظ ہوا اور جو کوئی مسجد(کعبہ) میں داخل ہوا وہ بھی محفوظ ہو گیا۔
پھر حضور اکرمؐ نے حکم دیا کہ ابو سفیان کو مکہ کے راستہ میں پڑنے والے پہاڑ کے دامن میں تنگ سی وادی میں قید رکھا جائے تا کہ وہ اپنے سامنے سے گزرنے والی فوج کو دیکھے، لیکن جلدی پہنچ کر قریش کو اطلاع نہ دے سکے جس سے کہ قریش ذرا سی بھی مزاحمت کر پائیں۔ اس کے بعد حضور اکرمؐ پوری احتیاط اور چوکس سے مکہ میں داخل ہوئے اور ادھر ابو سفیان مکہ پہنچے اور اونچی آواز سے یہ اعلان کیا کہ اے قریش!محمدؐ مکہ میں داخل ہو گئے ہیں اور اب تمہارے پاس کوئی راہ نہیں بچی ہے، اب جو کوئی ابو سفیان کے گھر میں داخل ہو گیا وہ محفوظ ہے، جو ابو سفیان کے دروازہ پر پہنچ گیا وہ محفوظ ہے اور جو کوئی مسجدِ حرام میں پہنچ گیا وہ محفوظ ہے۔ اب قریش نے تمام مزاحمت ختم کر دی اور حضور اکرمؐ پوری احتیاط کے ساتھ مکہ میں داخل ہوئے۔ آپؐ نے اپنی فوج کو چار ٹکڑیوں میں تقسیم کیا اور ہر ٹکڑی کو حکم دیا کہ وہ قتال کریں اور نہ خون بہائیں جب تک کہ اُن کو شدید مجبور نہ کیا جائے۔ اس طرح چاروں ٹکڑیاں مکہ میں داخل ہوئی اور سوائے حضرت خالد ابن ولیدؓ کی ٹکڑی کے، کسی کو مزاحمت کا سامنا نہ کرنا پڑا، جسے اُنہوں نے جلد ہی مغلوب کر دیا۔ حضور اکرمؐ مکہ مکرمہ کے ایک اونچے مقام پر پہنچے، کچھ دیر وہاں رکے پھر کعبہ اللہ تشریف لائے اور طواف فرمایا۔ پھر حضرت عثمان ابن طلحہؓ کو بلا کر کعبہ کا دروازہ کھولا اور لوگوں کی جو بھیڑ جمع ہو گئی تھی اس سے خطاب فرمایا:
((لا إلہ إلا اللہ وحدہ لا شریک لہٗ صدق وعدہ ونصرہ عبدہ و ھزم الأحزاب وحدہ الا کُل مأثرۃٍ أو دمٍ أو مالٍ یدعی فھو تحت قدمي ھاتین إلا سدانۃ البیت و سقایۃ الحاج الا و قتیل الخطاء شبہ العمد بالسوط والعصا ففیہ دیۃ مغلظۃ :مئۃ من الإبل منھا أربعون فی بطونھا اولادھا۔ یا معشر القریش إن اللہ قد أذھب عنکم نخوۃ الجاھلیۃ و تعظمھا بالآباء الناس من آدم، وآدم من تراب))
نہیں کوئی الہٰ سوائے اللہ کے جو اکیلا ہے جس کا کوئی شریک نہیں ہے۔ اس نے اپنا وعدہ پورا کیا، اپنے بندے کی نصرت کی اور تمام احزاب کو تنہا شکست دی۔
اس کے بعد آپؐ نے یہ آیات تلاوت فرمائیں :
(یَٰاَیُّھَا النَّاس اِنَّا خَلَقنٰکُم مِّن ذَکَرٍ وَّ اُنثیٰ وَ جَعَلنٰکُم شُعُوباً وَّ قَبَآئِلَ لِتَعَارَفُوا ط اِنَّ اَکرَمَکُم عِندَ اللّٰہِ اَتقٰکُم ط اِنَّ اللّٰہَ عَلِیمٌ خَبِیرٌ )
اے لوگو!ہم نے تم سب کو ایک (ہی)مرد و عورت سے پیدا کیا ہے اور اس لئے کہ تم آپس میں ایک دوسرے کو پہچانو تمہارے کنبے اور قبیلے بنا دئے ہیں اللہ کے نزدیک تم سب میں با عزت وہ ہے جو سب سے زیادہ ڈرنے والا ہے یقین مانو کہ اللہ دانا اور باخبر ہے۔ (ترجمہ معانی : سورۂ :حجرات :آیت:۱۳)
پھر آپؐ قریش سے مخاطب ہوئے اور پوچھا کہ اہلِ قریش تم کیا سمجھتے ہو کہ میں تمہارے ساتھ کیا کرنے والا ہوں ؟ لوگوں نے کہا ’’خیر کا معاملہ، اے مہربان بھائی اور اے مہربان بھائی کے بیٹے ‘‘! آپؐ نے فرمایا:
((إذھبوا فأنتم الطلقاء))
جاؤ تم سب آزاد ہو۔
آپؐ کی زبانِ مبارک سے نکلے ہوئے اس ایک کلمہ سے تمام قریش اور اہلِ مکہ کو معافی و درگزر مل گئی تھی۔ اب آپؐ کعبہ کے اندر داخل ہوئے اور دیکھا کہ اس کی دیواروں پر نبیوں اور فرشتوں کی تصویریں بنی ہوئی ہیں۔ آپؐ کے حکم سے اُن تصاویر کو وہاں سے مٹا دیا گیا۔ حضور اکرمؐ نے وہاں ایک مٹی سے بنا کبوتر دیکھا جسے خود اُٹھایا اور اپنے ہاتھ سے توڑ کر زمیں پر پھینک دیا۔ پھر اپنے ہاتھ کی چھڑی سے بتوں کی طرف یہ کہتے ہوئے اشارہ فرمایا:
(وَقُل جَآئَ الحَقّ وَ زَھَقَ البَاطِل ط اِنَّ البَاطِلَ کَانَ زَھُوقاً )
اور اعلان کر دے کہ حق آ چکا اور ناحق نابود ہو گیا، یقیناً باطل تھا ہی نابود ہونے والا۔
(ترجمہ معانی : سورۂ :حجرات :آیت:۱۳)
تمام بت گِر گئے اور کعبۃ اللہ بتوں سے پاک ہو گیا۔ حضور اکرمؐ نے پھر مکہ میں پندرہ دن قیام فرمایا اور اس دوران مکہ کے معاملات کا انتظام کیا، اور لوگوں کو دین سمجھایا۔ اس طرح مکہ کی فتح مکمل ہوئی اور اسلام کی دعوت کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ جو حائل تھی وہ اب ختم ہو چکی تھی، ۔ مزاحمت کے اب کچھ ہی علاقہ باقی رہ گئے تھے جیسے حنینؔ اور طائفؔ، جن پر قابو پانا کوئی بڑی بات نہیں تھی۔

حنینؔ

قبیلۂ ہوازن کو جب فتح مکہ کی خبر ہوئی تو اُنہیں ڈر ہوا کہ مسلمان اب اُن پر حملہ کرنے آئیں گے، چنانچہ اُنہوں نے پہلے ہی تیاریاں شروع کر دیں۔ مالک ابن عوف النصريؔ نے ہوازن ؔ اور ثقیفؔ کو اس غرض سے متحد کیا اور اُنہیں لیکر وادیِ اوطاسؔ پہنچا۔ مسلمانوں کو اس کی اطلاع فتحِ مکہ کے پندرہ دن بعد ملی اور وہ ہوازن کا مقابلہ کرنے کی تیاری کرنے لگے۔ ادھر مالک بن عوفؔ اوطاس سے اپنی فوج کو نکال کر حنینؔ کی چوٹیوں پر چلا گیا جس کے درمیان ایک تنگ وادی تھی۔ یہاں اُس نے اپنی فوج کو منظم کیا اور یہ حکم دیا کہ جب مسلمان یہاں پہنچیں تو اُن پر ایک ساتھ مل کر بڑی شدّت سے حملہ کریں، جس سے اُن کے صفیں ٹوٹ کر بکھر جائیں اور وہ ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑیں اور اُنہیں بری ہار کا سامنا کرنا پڑے۔ اپنے اس منصوبہ کو طے کر کے اب وہ مسلمانوں کی آمد کا انتظار کرنے لگا۔
ادھر حضور اکرمؐ کے دس ہزار سپاہیوں کے ساتھ جو فتحِ مکہ میں شامل تھے اور اُن کے ساتھ دو ہزار وہ مکہ کے مسلمان جو ابھی ابھی اسلام میں داخل ہوئے تھے، مدینہ سے نکل کر شام کے وقت حنینؔ پہنچے اور اگلی صبح فجر کے وقت تک وہیں رہے۔ فجر کے وقت اندھیرے میں یہ فوج وادی کی طرف بڑھی اور حضورؐ ا پنے سفید خچر پر فوج کے پچھلے حصہ میں رہے۔ فجر کے اندھیرے میں مسلمانوں کو پتہ بھی نہ چلا اور دشمن نے اپنے قائد کے حکم پر بیک وقت حملہ کر دیا۔ اس حملہ میں ہر جانب سے مسلمانوں پر تیروں کی بوچھار ہونے لگی اور وہ دہشت زدہ ہو ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ اس گھبراہٹ اور دہشت کے عالم میں اُن کے دلوں پر دشمن کا غلبہ چھا گیا، شکست اُن پر حاوی ہو گئی اور وہ ایک دوسرے کی بھی سنے بغیر بس بھاگنے لگے۔ یہاں تک کہ وہ اس بھگدڑ میں وہ حضورؐ کے پاس سے بھی بغیر رکے گزرتے گئے اور صرف حضرت عباسؓ، انصار اور مہاجر صحابہ کی ایک بہت تھوڑی سی جماعت اور اہلِ بیت ہی رہ گئے جو آپؐ کو گھیرے ہوئے تھے۔ حضورؐ لوگوں کو پکارتے تھے کہ اے لوگو! کہاں چلے، لیکن اُن پر موت کا خوف اور دشمن کی دہشت ایسی طاری تھی کہ وہ یہ بھی نہیں سن پا رہے تھے۔ وہ تو بس پیچھے پڑے ہوئے دشمن سے بھاگ رہے تھے، جو اُنہیں جہاں آ لپکتا، قتل کرتا جا رہا تھا۔ یہ بڑی سخت گھڑی تھی کہ پوری کی پوری فوج بھاگی جا رہی تھی، اس میں صحابہ کرامؓ شامل تھے اور وہ بھی جو ابھی حال میں اسلام میں داخل ہوئے تھے۔ حضورؐ اُن کو پکارتے تھے اور وہ بغیر سنے بھاگے جا رہے تھے۔ بعض وہ لوگ جو ابھی ابھی ایمان لائے تھے، اُن کے دلوں کی حقیقت سامنے آ رہی تھی اور وہ اس شکستکا ذکر کر کر کے خوش ہو رہے تھے۔ کلدہ بن حنبل کہہ رہا تھا کہ آج یہ جادو ٹوٹ گیا، شیبہ بن عثمان بن ابی طلحہ کہہ رہا تھا آج میں محمدؐسے بدلہ لے پاؤں گا، آج میں اُنہیں قتل کر دوں گا‘‘، ابو سفیان کی زبان پر یہ کلمات تھے ’’ لا تنتھي ھزیمتھم دون البحر ‘‘ یعنی ’’ان کی یہ ہار اِن کا سمندر تک پیچھا کرتے کرتے ہی ختم ہو گی‘‘۔ یہ کلمات اور اِن جیسے ی باتیں کرنے والے لوگ وہ تھے جو ابھی مکہ میں اسلام میں داخل ہوئے تھے اور آنحضرت ا کے لڑنے چلے آئے تھے، لیکن اس شکست نے اُن کے دلوں کے راز کو ظاہر کر دیا تھا۔ اِن کے ساتھ ساتھ وہ صحابہؓ بھی گھبرائے ہوئے بھاگ رہے تھے جو نیت کے اعتبار سے مخلص تھے۔ اب اس جنگ کے جیتنے کی کوئی امیّد باقی نہیں رہ گئی تھی۔ یہ گھڑی حضور اپر بڑی سخت اور شدید آزمائش والی اور پر خطر گھڑی تھی۔ اس مشکل ترین وقت میں اللہ کے رسولؐ نے فیصلہ کیا کہ میدان ہی میں ٹکے رہنا ہے اور اپنا سفید خچر دشمن کی طرف بڑھاتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔ آپؐ کے ساتھ اس وقت آپؐ کے چچا حضرت عباس ابن عبد المطلبؓ اور حضرت ابو سفیان بن حارث بن عبد المطلبؓ تھے جو آپؐ کے خچر کی نکیل پکڑے ہوئے تھے کہ وہ بھاگنے نہ لگے۔ حضورؐ کے چچا حضرت عباس ابن عبد المطلبؓ بڑی پر زور آواز میں لوگوں کو پکار رہے تھے، بالآخر لوگوں نے اُن کی آواز پر توجہ کی اور اُنہیں یاد آیا کہ وہ یہاں جہاد کے لئے خود اللہ کے رسولؐ کے ساتھ آئے ہیں اور اگر آج وہ شکست کھا کر مغلوب ہو گئے تو اُن کے دین کا کیا انجام ہو گا جس کی حمایت اُنہوں نے اپنی جان سے زیادہ کرنے کا عہد کیا تھا۔ اب لوگ آگے بڑھنے لگے، اِن میں یکایک بہادری اور جانبازی کا جذبہ جاگ اُٹھا تھا اور جیسے جیسے لوگ واپس آنے لگے تعداد بڑھتی گئی۔ نہایت دلیری سے یہ لوگ دشمن کی طرف حملہ اور ہوئے اور جنگ میں شدّت آ گئی۔ اب اللہ کے رسولؐ کو قدرے اطمینان ہوا، آپؐ نے اپنی مٹھی میں کنکریاں لے کر دشمن کی طرف یہ کہتے ہوئے پھنکیں کہ ’’تمہارا منہ سیاہ ہو گیا‘‘ یعنی اب تم شکست کھا گئے۔ اب مسلمان دشمن کی طرف شہادت کے جذبہ سے بڑھ رہے تھے۔ قتال اتنی شدت سے ہو رہا تھا کہ ہوازن اور ثقیف بوکھلا اُٹھے اور اُنہیں یقین ہو گیا کہ اب اُن کی موت یقینی ہے۔ اسی بوکھلاہٹ میں وہ اپنے مال اور عورتوں کو مسلمانوں کے لئے مالِ غنیمت چھوڑ کر شکست خوردہ بھاگ اُٹھے۔ اُن کی ایک بڑی تعداد قتل ہو چکی تھی اور کافی بڑی تعداد کو مسلمانوں نے پکڑ کر قید کر لیا تھا۔ مسلمانوں نے جو اب دل جمعی سے لڑ رہے تھے، اُن کا پیچھا کیا یہاں تک کہ وہ وادیِ اوطاس تک بھاگے جہاں اُن کی مزید تعداد ہلاک ہوئی اور شرمناک ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اُن کا سرغنہ مالک بن عوف بھاگ کر طائف پہنچا اور پناہ حاصل کیں اس طرح اللہ نے مسلمانوں کو عظیم الشان فتح سے ہمکنار فرمایا اور یہ آیات نازل کی :
(لَقَد نَصَرَکُم اللہ فِی مَوَاطِنَ کَثِیرَۃٍ لا ا وَّ یَومَ حُنَینِ لا اِذ اَعجَبَتکُم کَثرَتُکُم فَلَم تُغنِ عَنکُم شَیئاً وَّ ضَاقَت عَلَیکُم الاَرض بِمَا رَحُبَت ثُمَّ وَلَّیتُم مُّدبِرِینَ ثُمَّ اَنزَلَ اللّٰہ سَکِینَتَہ، عَلیٰ رَسُولِہٖ وَ عَلَی المُؤمِنِینَ وَاَنزَلَ جُنُوداً لَّم تَرَوھَا وَ عَذَّبَ الَّذِینَ کَفَرُوا ط وَذٰلِکَ جَزَآء الکٰفِرِینَ )
یقیناً اللہ تعالیٰ نے بہت سے میدانوں میں تمہیں فتح دی ہے اور حنینؔ کی لڑائی والے دن بھی جب کہ تمہیں اپنی کثرت پر ناز ہو گیا تھا، لیکن اس نے تمہیں کوئی فائدہ نہ دیا بلکہ زمین باوجود اپنی کشادگی کے تم پر تنگ ہو گئی پھر تم پیٹھ پھیر کر مڑ گئے۔ پھر اللہ نے اپنی طرف کی تسکین اپنے نبی پر اور مومنوں پر اتاری اور اپنے وہ لشکر بھیجے جنہیں تم دیکھ نہیں رہے تھے اور کافروں کو پوری سزا دی۔ ان کفار کا یہی بدلہ تھا۔ (ترجمہ معانی : سورۂ توبہ :آیت:۲۵، ۲۶)
مسلمانوں کو بہت بڑی مقدار میں مالِ غنیمت حاصل ہوا تھا، جب اس کا حساب کیا گیا تو بائیس ہزار(۰۰۰، ۲۲)اونٹ، چالیس ہزار بکریاں، ایک سو پچیس کلو (۱۲۵ کلو گرام)چاندی، مشرکین کی ایک بڑی تعداد قتل ہو چکی تھی، قیدیوں، عورتوں اور بچوں کی تعداد چھ ہزار تک پہنچ گئی تھی، جنہیں مسلمان اپنی پناہ و حفاظت میں وادیِ جعرانہؔ تک لے گئے۔ مسلمانوں میں کتنے لوگ شہید ہوئے یہ تفصیل نہیں ملتی البتہ اتنا ضرور ہے کہ ایک خاصی بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا، سیرت کی کتابوں میں درج ہے کہ مسلمانوں کے دو قبیلے پوری طرح فنا ہو گئے۔ حضور اکرمؐ نے اِن قیدیوں اور مالِ غنیمت کو وہیں چھوڑا اور طائف کے محاصرے کے لئے بڑھ گئے جہاں مالک ابن عوف اپنی شکست کے بعد پناہ میں تھا، اور اس پر اپنا گھیرا کس دیا، لیکن طائفؔ ایک بہت ہی قلعہ بند شہر تھا جہاں قبیلۂ ثقیفؔ آباد تھا۔ ثقیفؔ والے بہت ہی صاحبِ حیثیت تھے اور محاصرے والی لڑائی اور تیر اندازی کے فن میں کمالِ مہارت رکھتے تھے۔ اُنہوں نے بڑھتے ہوئے مسلمانوں پر تیروں کی بارش کی اور کئی کو شہید کر دیا۔ مسلمانوں کے لئے اُن کی قلعہ بندی کو توڑ دینا آسان نہیں تھا لہٰذا وہ دشمن کے قلعوں سے دور خیمہ زن ہوئے اور انتظار میں تھے کہ اب حضور اکرمؐ کیا قدم اُٹھاتے ہیں۔ حضورؐ نے قبیلۂ بنی دوسؔ سے مدد طلب کی جو محاصرے کے چار دن بعد اپنی منجیق اور دیگر سامان لے کر پہنچے۔ اب طائف پر منجیق سے گولے برسائے گئے اور بکتر بند توپیں آگے بڑھیں تاکہ قلعوں کی دیواروں کو ضرب لگائی جائے۔ لیکن اہلِ طائف نے دھاتوں کے گرم اور جلتے ہوئے ٹکڑے براسئے جس کی وجہ سے اِن کو پیچھے آ جانا پڑا۔ ثقیفؔ نے پہلے ہی لوہے کے ٹکڑوں کو پگھلا کر رکھا کہ اُنہیں بکتر بند توپوں پر پھنک کر جلا دیں۔ اب مسلمانوں نے تیروں سے حملہ کیا اور کئی کو ہلاک کر دیا۔ اب مسلمانوں نے طائف میں داخل ہونے کی کوششوں کو ترک کر کے ثقیفؔ کے انگوروں کے باغات کا رخ کیا جنہیں کاٹ کر جلا دیا گیا تاکہ دشمن ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہو جائے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ادھر ذی قعدہ کا مہینہ شروع ہو گیا اور اب حرام مہینوں میں لڑائی سے بچنے کے لئے حضورؐ نے مکہ کا رخ کیا۔ راستہ میں آپؐ جعرانہؔ کے مقام پر رکے جہاں مالِ غنیمت اور قیدیوں کو چھوڑا تھا۔ اللہ کے رسولؐ نے اعلان کیا تھا کہ اگر مالک ابن عوف مسلمان ہو کر لوٹ آئے تو اسے اُس کے اہل اور مال واپس کر دیا جائے گا اور سو اونٹ علیحدہ دے دئے جائیں گے۔ مالک ابن عوف کو خبر ملی تو وہ واپس آیا اور اپنے اسلام میں آنے کا اعلان کیا اور حضورؐ نے اس سے اپنا وعدہ پورا فرمایا۔ لوگوں کو یہ خدشہ ہوا کہ اگر حضورؐ اسی طرح ہوازن میں مالِ غنیمت تقسیم کرتے رہے تو اُن کا حصہ بہت تھوڑا رہ جائے گا، لہٰذا اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ مالِ غنیمت کو اُن تقسیم کر دیا جائے تاکہ ہر ایک اپنا اپنا حصہ لے لے۔ آپس میں اسی موضوع پر سرگوشیاں ہوتی تھیں جن کی خبر حضورؐ کو ہوئی تو آپؐ مال کے ایک ڈھیر کے پاس آ کر کھڑے ہوئے اور اُس میں سے ایک بال نکال کر اپنی انگلیوں میں پکڑ کر فرمایا:
((یا أیھا الناس واللہ ما لي من فیئکم ولا ھذہ الوبرۃ إلا الخمس و الخمس مردود علیکم فأدوا الخیاط و المخیط فإن الغلول یکون علی اھلہٖ عاراً و ناراً و شناراً یوم القیامۃ))
اے لوگو! اللہ کی قسم تمہارے اس مال میں سے میرا صرف پانچواں حصہ ہے اور وہ تم میں لوٹا دیا جائے گا، یہاں تک کہ اس دھاگے کا بھی حساب ہو گا۔ جو کوئی اس میں بے ایمانی سے بال برابر بھی لے گا تو قیامت کے دن وہ بال اُس کے لئے شرم کا باعث، آگ اور رسوائی ہو گی۔
پھر یہ حکم دیا کہ جس کسی نے بھی جو کچھ اس مال میں سے لیا ہو وہ اسے واپس رکھ دے تاکہ پھر اسے برابری سے تقسیم کیا جا سکے۔ تمام مالِ غنیمت کے پانچ حصے کئے گئے، ایک حصہ آپؐ نے اپنے لئے مخصوص کر لیا اور باقی تمام صحابۂ کرامؓ میں منقسم ہو گیا۔ پھر آنحضرتؐ نے اپنے ذاتی حصہ میں سے اُن لوگوں کو حصہ دیا جو اب سے پہلے آپؐ کے ترین دشمن رہے تھے، اِن میں ابو سفیان، معاویہ ابن ابی سفیان، حارث بن حارث، حارث بن ہشام، سہیل بن عمر، حویطب بن عبد العزی، حکیم بن حزام، العلاء بن جاریہ الثقفي، عیینہ بن حصن، الاقرع بن حابس، صفوان بن امیہ اور مالک بن عوف النصری شامل تھے۔ آپؐ نے ان میں ہر ایک کو حصہ کے علاوہ سو سو اونٹ اضافی دئے۔ یہ مال اُنہیں تألیف قلب کے لئے یعنی اُن کے دل جیتنے کے لئے دیا گیا تھا۔ ان کے علاوہ اور لوگوں کو اُن کے حصہ کے زیادہ پچاس پچاس اونٹ دئے گئے، جن سے اُن کی تمام ضروریات پوری ہو سکیں۔ مال کی اس تقسیم میں جہاں حضور اکرمؐ نے نہایت فراخدلی اور مہربانی کا مظاہرہ کیا وہیں آپؐ کی سیاسی بصیرت اور تدبر و فہم بھی بدرجۂ اتم عیاں تھا۔ لیکن وہاں ایسے بھی مسلمان تھے جو حضور اکرمؐ کے اس فہم و کمالِ تدبر کی تہہ کو نہیں سمجھ پائے۔ مالِ غنیمت کی اس تقسیم پر انصار ایک دوسرے سے بات کرتے اور کہتے کہ اللہ کے رسول نے اپنی قوم میں مال تقسیم کیا، اور یہ بات اُن کے دلوں پر اثر انداز ہو رہی تھی۔ حضرت سعد ابن عبادہ ؓ بھی اِن ہی حضرات میں سے تھے، اِنہوں نے یہ بات حضورؐ تک پہنچا دی۔ حضور اکرمؐ نے اُن سے پوچھا :
((فأین أنت من ذلک یا سعد))
اے سعد اس معاملہ میں تمہارا کیا موقف ہے ؟
حضرت سعد ؓ نے جواب دیا کہ وہ اپنی قوم سے جدا نہیں ہیں اور اپنی قوم کی تائید کرتے ہیں۔ پھر حضورؐ نے اُن سے فرمایا کہ وہ اپنی قوم یعنی انصار کو جمع کریں، جب لوگ جمع ہوئے تو آپؐ نے لوگوں کو مخاطب فرمایا:
((یا معشر لأنصار ما قالۃ بلغتنی عنکم و جِدَۃٌ وجدتموھا عليّ فی أنفسکم، ألم آتکم ضُلّالاً فھداکم اللہ و عالۃ فأغنا کم اللہ، و أعداء فألّف اللہ بین قلوبکم))
اے قومِ انصار!جو کچھ تم نے کہا وہ مجھ تک پہنچا ہے۔ تمہیں مجھے اپنے دلوں میں کیسا پاتے ہو؟ کیا میں تمہارے پاس اُس وقت نہیں آیا جب تم گمراہ تھے تو اللہ نے تمہیں راہِ راست دکھائی؟تم عسرتوں میں تھے تو اللہ نے تمہیں مال دیا اور تم ایک دوسرے کے دشمن تھے تو اللہ نے تمہارے دلوں کو آپس میں ملا دیا؟
لوگوں نے کہا ’’بجا ہے، اللہ اور اُس کا رسول سب سے بہتر اور مہربان ہیں ‘‘۔ پھر آپؐ نے فرمایا ’’ اے انصار جواب دو‘‘۔ لوگوں نے پوچھا کہ اے اللہ کے رسولؐ کس بات کا؟ مہربانی اور فضیلت اللہ کی ہے اور اُس کے رسول کی۔ حضورؐ نے پھر فرمایا:
((أما واللہ لو شئتم لقلتم فلصدقتم ولصدقتم أتیتنا مکذباً فصدقناک، ومخذولاً فنصرناک، و طریداً فآویناک، و عائلاً فآسیناک، أوجدتم یا معشر الأنصار في أنفسکم في لعاعۃ من الدنیا تألفت بھا قوماً لیسلموا و وکلتکم إلی اسلامکم ألا ترضون یا معشر الأنصار أن یذھب الناس بالشأۃ والبعیر و ترجعوا برسول اللہ إلی رحالکم، فوالذی نفس محمد بیدہ لو لا الھجرۃ لکنت أمراً من الأنصار و لو سلک الناس شعباً و سلکت الأنصار شعباً لسلکت شعب الأنصار، اللھم ارحم الأنصار و أبناء الأنصار و أبناء أبناء الأنصار۔ ))
اللہ کی قسم اگر تم چاہتے تو یوں کہتے، اور یہ سچ تھا اور اس پر یقین کیا جاتا، کہ تم اُس وقت ہمارے پاس آئے جب تم جھٹلائے جا رہے اور ہم نے تمہیں سچا مانا، تم مایوس ہمارے پا س آئے اور ہم نے تمہیں کامیاب کیا، تم ٹھکرائے ہوئے آئے اور ہم نے تمہیں سہارا دیا، تم مفلس ہو کر آئے اور ہم نے مدد کی، اے انصار کیا تم اس بات پر نالاں ہو کہ دنیا کی حقیر سی چیزیں دیں تاکہ اُن لوگوں کے دل اسلام کی طرف ملتفت ہو جائیں، جبکہ تمہیں تمہارے اسلام کے حوالہ کر دوں۔ اے قوم انصار! کیا تم اس بات سے راضی نہیں ہو کہ وہ لوگ بکریاں اور گائیں لے جائیں، اور تم اللہ کے رسولؐ کو لے کر اپنے گھروں کو لوٹ جاؤ؟ اُس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں محمدؐ کی جان ہے، اگر ہجرت ہونا نہیں ہوتا تو میں خود انصاری ہی ہوتا، اگر تمام لوگ ایک طرف چلیں اور انصار دوسری طرف، تو میں انصار کی راہ اختیار کروں گا۔ اے اللہ انصار پر رحم فرما اور اُن کی آل پر اور اُن کی آل کی آل پر رحم فرما۔
ادھر اللہ کے رسولؐ کی بات ختم ہی ہوئی تھی کہ انصار زار و قطار رو رہے تھے، اُن کے آنسوؤں سے اُن کی داڑھیاں تر ہو نے لگیں اور انہوں نے کہا’’ ہم اللہ کے رسولؐ سے راضی ہیں اور اُس حصہ سے جو اُس نے ہمیں دیا ہے ‘‘، پھر انصار اپنے خیموں کو لوٹ گئے۔ اب حضور اکرمؐ نے اپنی فوج کے ساتھ جعرانہؔ سے خروج اور عمرہ کے لئے مکہ کا رخ کیا۔ عمرہ ہو جانے کے بعد آپؐ نے عتاب ابن اسید ؓ کو مکہ کا والی مقرر فرمایا اور حضرت معاذ ابن جبل ؓ کو ذمہ داری دی کہ وہ اہلِ مکہ کی اسلامی اقدار میں تربیت کریں اور اُنہیں اسلامی افکار میں ڈھالیں۔ اہلِ مکہ کے معاملات کا اس طرح اہتمام فرما کر آپؐ اپنے انصار اور مہاجر صحابہ ٔ کرامؓ کے ہمراہ مدینہ منورہ واپس تشریف لائے۔

غزوۂ تبوک

اللہ کے رسولؐ کو رومیوں کی خبر ملی کہ وہ عرب کے شمالی علاقوں پر حملہ کی تیاریاں کر رہے ہیں، ایسا حملہ جو مسلمانوں کے مؤتہ کے حملہ میں چالاکی سے پیچھے ہٹنے کی بات بھول جائیں گے۔ آپؐ نے فیصلہ کیا کہ وہ بذاتِ خود اِس جنگ میں شریک ہوں گے اور رومیوں کے سرداروں کو وہ سبق سکھائیں گے کہ وہ مسلمانوں سے لڑنے یا حملہ کرنے کی بات کبھی نہیں سوچیں گے۔ گرمیوں کا موسم اپنے آخری ہفتوں میں تھا اور گرمی اپنے پورے شباب پر تھی، پھر مدینہ سے شام تک کا سفر اس شدید گرمی میں نہایت دشوار گزار، اس سفر میں کھانے پینے اور رصد کے علاوہ استقامت بہت ضروری تھی۔ لہٰذا یہ ضروری ہوا کہ لوگوں کو بتا دیا جائے کہ روم کی سرحد پر جا کر لڑنا ہے، جبکہ یہ بات اللہ کے رسولؐ کی عادت اور طریقہ کے خلاف تھی، جو آپؐ نے سابقہ غزوات میں اپنائی تھی جن میں آپؐ اپنے مقصد اور منزل دونوں کو نہ صرف راز میں رکھتے تھے بلکہ اکثر ایسے راستہ سے سفر کرتے تھے کہ دشمن اُن کی منزل کے بارے میں دھوکہ میں رہے۔ لیکن اس بار آپؐ نے لوگوں کو بتا دیا کہ روم کی سرحدوں پر جا کر لڑنا مقصود ہے۔ پھر قبائل سے کہا گیا کہ وہ تیاری کریں اور جتنی بڑی فوج تیار کرنا ممکن تھا وہ کی گئی۔ مسلمانوں میں جو لوگ صاحبِ حیثیت تھے، انہیں حکم دیا گیا کہ وہ جو کچھ اللہ نے اپنے فضل سے اُنہیں دیا ہے اُس میں سے اس فوج کے لئے لائیں۔ آپؐ نے لوگوں کو اس فوج میں شامل ہونے کے لئے ترغیب دی۔ اِن حالات میں لوگوں کا اس ترغیب پر ردِّ عمل مختلف تھا، وہ لوگ جنہوں نے اسلام کو صدقِ دل سے قبول کیا تھا اور اُن کے سینہ ہدایت ونور سے پُر تھے، اُنہوں نے فوراً اس پر لبیک کہا اور شامل ہو گئے، اِن میں ایسے غریب لوگ بھی تھے جن کے پاس اپنے لئے ایک سواری بھی نہ تھی، اور اِن میں ایسے دولت مند لوگ بھی تھے جنہوں نے اپنا سب کچھ سامنے لا کر رکھ دیا کہ جنگ میں کام آ جائے۔ یہ دونوں قسم کے لوگ اپنے آپ کو اللہ کے راستہ میں شہید ہونے کے شوق میں پیش کر رہے تھے۔ اِن کے برعکس وہ لوگ جو یا لالچ یا خوف کے سبب اسلام میں با دِلِ نا خواستہ داخل ہوئے تھے، مالِ غنیمت کی لالچ، یا مسلمانوں کی قوت کا خوف، تو ایسے لوگ اب بہانہ تراش رہے تھے اور اُن کے قدم نہیں اُٹھ رہے تھے۔ ان کا ردِّ عمل بس واجبی سا تھا اور یہ لوگ آپس میں سرگوشیاں کرتے کہ اتنی دور اس شدید جلتی تپتی گرمی میں لے جا کر لڑا جا رہا ہے۔ یہ منافق تھے اور ایک دوسرے سے کہتے تھے کہ اس گرمی میں نہ نکلو، اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی:
(وَ قَالُوا لَا تَنفِرُوا فِی الحَرِّ ط قُل نَار جَھَنَّمَ اَشَدّ حَرّاً لَو کَانُوٌا یَفقَھُونَ فَلیَضحَکُوا قَلِیلاً وَ لیَبکُواکَثِیراً ج جَزَآءًم بِمَا کَانُوا یَکسِبُونَ )
اور اُنہوں نے کہہ دیا کہ اس گرمی میں مت نکلو۔ کہہ دیجئے کہ دوزخ کی آگ بہت ہی سخت گرم ہے، کاش کہ وہ سمجھتے ہوتے۔ پس اُنہیں چاہئے کہ بہت ہی کم ہنسیں اور بہت زیادہ روئیں، بدلے میں اس کے جو یہ کرتے ہیں۔
(ترجمہ معانی : سورۂ توبہ :آیت:۸۱)
اِن ہی بہانہ بنانے والوں میں سے اللہ کے رسولؐ نے بنی سلمہؔ کے جدّ بن قیس ؔ سے پوچھا کہ اے جدؔ کیا تم بنی اصفرؔ سےلڑنا چا ہو گے ؟ تو اُس نے جواب دیا، اے اللہ کے رسولؐ، آپ مجھے رہنے دیجئے، امتحان میں نہ ڈالئے میرے سارے لوگ جانتے ہیں کہ میں عورتوں کے معاملہ میں کچّا ہوں، وہاں بنی اصفرؔ کی رومی عورتیں دیکھوں گا تو خود کو روک نہ پاؤں گا، آنحضرتؐ نے اُس سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔ اسی سلسلہ میں یہ آیت نازل ہوئی:
(وَمِنھُم مَن یَقُول ائذَن لِّی وَلَا تَفتِنِّی ط اَلَا فِی الفِتنَۃِ سَقَطُوا ط وَاِنَّ جَھَنَّمَ لَمُحِیطَۃٌ م بِالکٰفِرِینَ )
ان میں سے کوئی تو کہتا ہے مجھے اجازت دیجئے، مجھے فتنے میں نہ ڈالئے، آگاہ رہو وہ تو فتنے میں پڑ چکے ہیں اور یقیناً دوزخ کافروں کو گھیر لینے والی ہے۔ (ترجمہ معانی : سورۂ توبہ :آیت:۴۹)
اِن منافقوں نے اس بات پر ہی اقتناء نہیں کیا کہ خود لڑائی میں نہ جانے کے بہانے بنائیں بلکہ یہ دوسروں کو بھی روکتے تھے۔ حضور اکرمؐ نے فیصلہ کیا کہ اِن منافقین سے سختی سے نمٹ کر انہیں سبق سکھایا جائے۔ خبر ملی کہ منافقین سویلمؔ نام کے ایک یہودی کے گھر جمع ہو رہے ہیں تاکہ لوگوں کے دلوں میں وسوسے ڈال کر اُن کو لڑائی پر جانے سے روکا جائے۔ آپؐ نے حضرت طلحہ ابن عبیداللہؓ کو کچھ اور صحابہؓ کے ساتھ وہاں بھیجا، جنہوں نے اس گھر کو جلا دیا اور وہاں جمع لوگوں کو اپنی جان بچا کر بھاگ جانا پڑا، ان میں ایک منافق گھر کے پچھلے دروازے سے بھاگتا ہوا اپنا پیر توڑ بیٹھا۔ اس سے اور لوگوں کو سبق ملا کہ اس قسم کی حرکتوں سے باز آئیں۔
جس شدت اور مضبوطی سے حضورؐ نے یہ فوج جمع کی اس کا خاطر خواہ اثر ہوا اور ایک بہت بڑی تعداد اکٹھا ہو پائی جو تیس ہزار تک پہنچ گئی۔ اس فوج کو’’ جیش العسرۃ‘‘ کہا گیا یعنی ایسی فوج جو بڑی سخت حالات میں ہو۔ اس فوج کا مقابلہ روم کی بہت بڑی فوج سے تھا اور اسے مدینہ سے بہت دور جا کر سخت گرمی میں لڑنا تھا۔ حضورؐ مدینہ میں وہاں کے معاملات کے کام انجام دے رہے تھے اور آپؐ کی غیر موجودگی میں حضرت ابو بکر ؓ نے فوج کی نماز کی امامت کی۔ آپؐ نے مدینہ پر محمد بن مسلمہ کو اپنا نائب مقرر فرمایا اور حضرت علی ؓ کو اپنے اہل و عیال کی ذمہ داری سونپی اور حکم دیا کے وہ اُنہیں کے ساتھ رہیں، اس کے علاوہ اپنی غیر موجودگی کے دوران کاموں کے لئے مناسب احکام دئے اور فوج میں لوٹ آئے اور اس کی قیادت سنبھال لی۔ پھر حکم دیا اور فوج نہایت وقار کے ساتھ آگے بڑھی جسے تمام اہلِ مدینہ نے دیکھا، عورتیں گھروں کی چھت پر چڑھ کر صحراء میں فوج کا شامؔ کی جانب روانہ ہونے کا یہ شاندار نظارہ دیکھ رہی تھیں۔ فوج اللہ تعالیٰ کے راستہ میں بھوک، پیاس اور گرمی سے بے خوف شام کی طرف رواں تھی۔ جو لوگ پیچھے چھوٹ گئے تھے، اُنہیں بھی اب ہمت ہوئی اور وہ بھی اب فوج سے ملے۔ ادھر تبوکؔ میں رومیوں کی فوج خیمہ زن تھی مسلمانوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی تھی۔ رومیوں کو جب مسلم فوج کے بارے میں پتہ چلا کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں آ رہے ہیں، تو اُنہیں مؤتہ کی جنگ یاد آ گئی جبکہ مسلمانوں کی تعداد اور قوت کم ہونے کے باوجود اُنہوں نے نہایت بہادری اور چالاکی سے مقابلہ کیا تھا، اور اس بار تو خود حضور اکرمؐ مسلم فوج کی قیادت فرما رہے تھے۔ اس سے دشمن اتنا خوف زدہ ہوا کہ اُس نے تبوکؔ سے پیچھے ہٹ کر شامؔ کے اندرون میں واقع اپنے قلعوں میں محصور ہونے میں اپنی خیریت سمجھی۔ شام ؔ کی حدود پر اب کوئی چوکسی نہیں رہ گئی تھی۔
حضور اکرمؐ کو جب یہ خبر ملی کہ عیسائی خوف زدہ ہو کر پیچھے ہٹ گئے ہیں، تو آپؐ آگے بڑھتے رہے اور تبوکؔ پہنچ کر اُس پر قبضہ کر لیا۔ آپؐ نے اِن حالات میں دشمن کا تعاقب کرنا ضروری نہیں سمجھا اور وہیں تبوکؔ میں خیمے نصب کر لئے گئے۔ تقریباً ایک مہینہ تک وہیں قیام رہا جس دوران وہاں کے اُن قبائل سے نمٹا گیا جنہوں نے مزاحمت کی۔ یہیں سے آپؐ نے رومی سلطنت کے تابع آنے والے قبائل اور شہروں کے سرداروں کو مراسلے بھیجے، اِن میں ایلہؔ کے سردار یوحنہ بن رؤبہ، جرباؔء اور اذرحؔ کے سردار شامل تھے۔ اِن کو لکھا تھا کہ یا تو وہ اطاعت قبول کریں یا پھر لڑائی کے لئے تیار ہو جائیں، ان سب نے اطاعت قبول کی ا سلامی حکومت کی تابعداری میں آ گئے اور صلح کر کے جزیہ دینا قبول کر لیا۔ اس کے بعد حضور اکرمؐ اور اسلامی فوج مدینہ لوٹ آئے۔
مدینہ میں اس دوران منافقین نے حضور اکرمؐ کی غیر موجودگی کا فائدہ اُٹھا کر لوگوں میں اپنا زہر پھیلانے میں کوئی کسر نہ اُٹھا رکھی تھی، وہ مسلمانوں کو بغاوت پر اکسانے لگے تھے۔ منافقوں نے مدینہ سے قریب ایک گھنٹہ کی مسافت کے فاصلہ پر ذی اوانؔ کے مقام پر ایک مسجد بنا لی تھی جہاں سے وہ اپنی کاروائیاں کرتے تھے، اللہ کے کلام کی تاویلیں کر کے لوگوں میں اختلاف ڈالنے لگے تھے۔ ان لوگوں نے تبوکؔ کے لئے روانگی سے قبل حضور اسے گزارش کی تھی کہ وہ اُس مسجد میں نماز پڑھیں لیکن آپؐ نے واپسی تک انہیں انتظار کرنے کو کہہ دیا تھا۔ لیکن واپسی پر آپؐ کو منافقوں کی حرکتوں کی خبر ملی اور مسجد بنانے کی حقیقت وحی کے ذریعہ معلوم ہوئی تو آپؐ نے مسجد جلا دینے کا حکم دیا اور منافقین پر اب سختی شروع کر دی، جس سے اب اُن کی کمر ٹوٹ گئی اور پھر کبھی وہ نہ اُٹھ پائے۔
سارے جزیرہ نمائے عرب میں اللہ کا کلمہ بلند ہو چکا تھا اور حضور اکرمؐ کے اقتدار کو کوئی چیلینج کرنے والا نہ تھا۔ عرب کے قبائل کے وفود فوج در فوج حضور اکے پاس آتے اور اللہ کی اطاعت تسلیم کرتے تھے۔

ریاست اسلامی کا جزیرہ نمائے عرب پر غلبہ

غزوۂ تبوک سے حضور اقدسؐ نے ایک طرف تو اپنی خارجہ پالیسی کے تحت ریاست کی سرحدوں کو محفوظ کیا اور دشمنوں کے دلوں میں مسلمانوں کا دبدبہ قائم کیا، ساتھ ساتھ اپنے بعد آنے والے مسلمانوں کے لئے اسلام کی دعوت کو جزیرہ نمائے عرب کے باہر پھیلانے کا منصوبہ بھی سامنے رکھ دیا۔ غزوۂ تبوک کے فوراً بعد ہی جنوبی علاقے یعنی یمنؔ، حضرموتؔ اور عُمانؔ نے بھی اپنے اسلام قبول کرنے کا اور اسلامی ریاست کے دائرۂ اقتدار میں آ جانے کا اعلان کر دیا۔ ہجری کا نو واں سال آتے ہی ایک کے بعد ایک قبیلہ آتا چلا گیا اور اطاعت قبول کرتا رہا۔ اب مکمل جزیرہ نمائے عرب ریاستِ اسلام کے تابع ہو گیا تھا اور سرکشوں پر قابو پا لیا گیا تھا۔ البتہ کچھ مشرکین رہ گئے تھے جنہیں ایک معاہدے کے تحت اپنے بتوں کی عبادت کرنے کی چھوٹ تھی اور وہ کعبۃ اللہ میں اپنے طریقہ سے حج بھی کر سکتے تھے۔ یہ عہد اس وجہ سے تھا کہ عرب کی قدیم روایت تھی کہ کعبۃ اللہ سب کے لئے کھلا ہو اور حرام مہینوں میں کسی کو جنگ کا خوف نہ ہو۔ لیکن جب سارا عرب اللہ کے رسولؐ کی اطاعت اور اسلامی ریاستِ کے زیرِ اقتدار آ گیا اور صرف یہ مشرکین بچے جو غیر اللہ کی عبادت کر رہے تھے، تو کیا ایسے میں اِن مشرکین کو اِن حال پر چھوڑ دیا جاتا اور کعبۃ اللہ میں دو باہم مخالف اور متضاد دین کے پیرو اپنی اپنی عبادات کرتے ؟ایک ایسا دین جس میں بُت توڑ دئے جاتے ہیں اور دوسرا ایسا مذہب جس میں اُنہی بتوں کی بندگی کی جاتی ہے۔ اب یہ ناگزیر ہو گیا تھا کہ ان مشرکین کی سارے عرب میں سرکوبی کی جائے اور اُنہیں کعبۃ اللہ میں داخلہ سے باز رکھا جائے۔
اس وقت، یعنی جنگِ تبوکؔ کے بعد اللہ تعالیٰ نے سورۂ توبہ نازل فرمائی۔ حضرت ابو بکرؓ حج کے لئے ایک جماعت کی قیادت کرتے ہوئے روانہ ہو چکے تھے، لہٰذا حضور اکرمؐ نے حضرت علی ؓ کو بھیجا کہ وہ حج کی اُس جماعت سے جا ملیں اور اُنہیں سورۂ توبہ کی تلاوت کر کے سنائیں۔ حضرت علیؓ اور حضرت ابو ہریرہؓ روانہ ہوئے اور منیؔ میں حضرت ابو بکرؓ سے ملے اور لوگوں کو یہ آیات پڑھ کر سنائیں :
(بَرَآئَ ۃٌ مِّنَ اللّٰہِ وَرَسُولِہٖٓ اِلَی الَّذِینَ عَاھَدتُّم مِّنَ المُشرِکِینَ )۔۔۔
اللہ اور اس کے رسول کی سب سے زاری کا اعلان ہے۔ اِن مشرکین کے بارے میں جن سے تم نے عہد و پیماں کیا تھا۔ (ترجمہ معانی : سورۂ توبہ :آیت:۱)۔۔۔ سے یہاں تک سنایا:
(وَ قَاتِلُوا المُشرِکِینَ کَآ فَّۃً کَمَا یُقَاتِلُونَکُم کَآفَّۃً ط وَ اعلَمُوا اَنَّ اللّٰہَ مَعَ المُتَّقِینَ )
اور تم تمام مشرکوں سے جہاد کرو جیسے کہ وہ تم سب سے لڑتے ہیں۔ اور جان رکھو کہ اللہ تعالیٰ متقیوں کے ساتھ ہے۔ (ترجمہ معانی : سورۂ توبہ :آیت:۳۶)
حضرت علیؓ نے یہ آیات پڑھ کر قدرے توقف کیا پھر فرمایا:’’اے لوگو! کافر جنت میں داخل نہیں ہوں گے، اس سال کے بعد کوئی مشرک حج نہیں کرے گا، نہ ہی بیت اللہ کا عریانی کی حالت میں طواف کرے گا، جس کسی کا اللہ کے رسولؐ سے معاہدہ ہو، سو ایسا معاہدہ اس کی متعینہ مدّت تک کا ہو گا‘‘۔ پھر لوگوں کو چار ماہ کا وقت دیا جس کے دوران اُنہیں اپنے گھروں کو لوٹ جانا تھا۔ اس کے بعد کسی مشرک نے حج نہیں کیا اور نہ ہی طوافِ عریاں ہوا۔
حضرت علی ؓ کے دئے گئے اس حکم کے بعد عرب کے پورے علاقہ پر اب صرف اللہ ہی کا کلمہ بلند تھا۔ تمام علاقوں پر اب اسلامی ریاست ہی کا اقتدار تھا جس کی بناء عقیدۂ اسلامی پر تھی۔ سورۂ توبہ کے نازل ہونے اور مشرکین کا قلعہ قمع کر دینے کے بعد ریاستِ اسلام کا قیام مکمل ہو گیا اور ہر عقیدہ جو عقیدۂ اسلام سے متناقض تھا وہ ختم ہو گیا۔ اب اسلام کی یہ ریاست اسلام کا پیغام سارے عالم میں پہنچانے کے لئے پوری طرح تیار تھی۔

ریاستِ اسلامی کا ڈھانچہ

اللہ کے رسولؐ مدینہ پہنچ کر روزِ اول سے ہی مسلمانوں کے امور و معاملات کا اہتمام کرنے لگے تھے اور اسلامی طرزِ فکر کے معاشرہ کی بناء ڈالی تھی۔ حضور اقدسؓ نے یہودیوں سے معاہدہ کیا پھر بنی ضمرہؔ اور بنی مدلجؔ سے پھر قریشِ مکہ سے، اس کے بعد ایلہؔ، جرباءؔ اور اذرحؔ سے معاہدات طے کئے تھے۔ لوگوں سے یہ وعدہ کیا کہ حج کے لئے کسی کو روکا نہیں جائے گا اور نہ ہی حرام مہینوں کی حرمت ختم ہو گی۔ آپؐ نے حضرت حمزہ ابن عبد المطلب، حضرت عبیدہ بن حارث اور حضرت سعد ابن ابی وقاص ثکی قیادت میں قریش سے مقابلہ کے لئے فوجی مہمات بھیجیں۔ پھر رومیوں سے مقابلہ کے لئے حضرت زید بن حارث، حضرت عبد اللہ بن رواحہ اور حضرت جعفر ابن ابی طالبؓ کی قیادت میں فوجی مہمات بھیجیں۔ حضرت عبدالرحمٰن ابن عوفؓ کو قبیلۂ دومۃ الجندلؔ سے مقابلہ کے لئے روانہ کیا۔ حضرت علی ابن ابی طالب اور پھر حضرت بشیر ابن سعدؓ کو فدکؔ کی مہم پر بھیجا، ابو سلمہ ابن عبد الاسد کو نجدؔ میں قطناؔ کی مہم کی ذمہ داری سونپی، حضرت زید ابن حارث ؓ کو پہلے بنی سلیمؔ پھر جذامؔ، وادی قریؔ میں بنی فزارہ ؔ اور پھر مدینؔ بھیجا، حضرت عمرو بن العاص ؓ کو بنی عذراء کے ذات سلاسلؔ بھیجا، اس کے علاوہ اور بھی کئی لوگوں کو مختلف مہمات پر مختلف مقامات کے لئے روانہ کیا اور بذاتِ خود بھی شدید خوں ریز غزوات میں شرکت فرمائی۔
اسی کے ساتھ حضور اکرمؐ نے ریاست کے مختلف صوبوں کے لئے والی اور شہروں کے لئے عاملوں کی تقرری کی۔ مثلاً فتح مکہ کے بعد وہاں عتاب ابن اسید کو والی مقرر کیا، باذان ابن ساسان نے جب اسلام قبول کیا تو اسے یمنؔ کا والی مقرر کیا، حضرت معاذ ابن جبل الخزرجیؓ کو جند ؔ کا والی بنایا، خالد ابن سعید بن العاص کو صنعاؔء کا، زیاد ابن لبید ثعلبہ الانصاری کو حضرموت کا عامل متعین کیا۔ حضرت ابو موسیٰ الاشعریؓ کو زبید ؔ پر اور پھر عدنؔ پر مقرر کیا، حضرت عمرو بن العاص ؓ کو عُمانؔ پر، المھاجر ابن ابی امیہ کو صنعاء پر عامل مقرر فرمایا، عدي بن حاتم الطائیؓ کو طئيؔ کا عامل بنایا، العلاء بن الحضرمیؓ کو بحرینؔ کا والی بنایا اور مدینہ پر حضورؐ نے ابو دجانہ ؓ کو عامل متعین کیا۔ ان کاموں کے لئے حضور اکرمؐ لوگوں میں سیجس کو اُس کام کے لئے مناسب ترین پاتے اُسے چنا کرتے تھے کہ وہ شخص ایسا ہو جو لوگوں کے دلوں میں ایمان کو تازہ رکھے۔ آپؐ اُن لوگوں سے یہ پوچھتے تھے کہ وہ کس طریقہ پر چلیں گے ؟ روایت میں آتا ہے کہ جب حضرت معاذ ابن جبل ؓ کو یمنؔ بھیجنے لگے تو اُن سے پوچھا کہ وہ کس چیز سے حکم صادر کریں گے ؟اُنہوں نے جواب دیا کہ اللہ کی کتاب سے، پھر پوچھا کہ اگر اللہ کی کتاب میں اس بارے میں کچھ نہ ملے تو؟ جواب ملا کہ اللہ کے رسولؐ کی سنت سے، پھر پوچھا کہ اگر اُس میں بھی نہ ملے تو؟حضرت ابو موسیٰ ؓ نے کہا کہ پھر میں اپنی رائے سے اجتہاد کروں گا۔ اس جواب سے حضورؐ بہت خوش ہوئے اور فرمایا:
((الحمد للہ الذی وفق رسول رسولؐ للہ لما یحبّہ اللہ و رسولہ))
الحمد للہ کہ اُس نے اپنے رسول کے والی کو وہ فہم دیا جس سے اللہ اور اُس کا رسول راضی ہے۔
اسی طرح آپؐ سے مروی ہے کہ جب آپؐ نے حضرت ابان ابن سعیدؓ کو بحرینؔ کا والی بنایا تو اُنہیں نصیحت فرمائی کہ وہ عبد قیسؔ کا احترام و ا کرام کریں۔
اللہ کے رسولؐ لوگوں میں بہترین اور مثالی شخص کو ولایت کی ذمہ داری کے لئے منتخب کرتے اور اِن والیوں کو نصیحت کرتے کہ جو لوگ اسلام میں داخل ہوں اُنہیں دین سکھائیں اور اُن سے صدقات وصول کریں۔ اکثر اوقات آپؐ کا یہ معمول رہا کہ والی کو ہی لوگوں پر محصول عائد کرنے کی ذمہ داری سونپا کرتے تھے۔ والیوں کو نصیحت فرماتے تھے کہ لوگوں کو اچھی باتیں بتائیں، قرآن کی تعلیم دیں اور دین سمجھائیں۔ اُن کے ساتھ حق کے معاملہ میں نرمی برتیں اور ظلم کریں تو اُن کے ساتھ سختی سے پیش آئیں۔ اُن کے درمیان اگر کسی بات میں اختلاف ہو تو معاملہ کو قبیلوں یا برادری میں لے جانے سے روکیں اور صرف اللہ وحدہ لا شریک کے احکام سے اُس کا تصفیہ کریں۔ اُن کے اموال میں سے پانچواں حصہ وصول کریں اور جو صدقات اُن پر واجب ہوتے ہوں وہ حاصل کریں۔ کوئی یہودی یا عیسائی اگر صدقِ دل سے دین میں داخل ہوتا ہے اور اسلام کو اپنے دین کے طور پر اختیار کرتا ہے تو وہ مومنوں میں شمار ہو گا اور اُس کے حقوق اور واجبات مسلمانوں جیسے ہی ہوں گے۔ کسی یہودی یا عیسائی کو اس کے دین کے سبب ایذاء نہیں پہنچائی جائے گی۔ جبآپؐ نے حضرت معاذ ابن جبلؓ کو یمن کا والی مقرر کیا تو فرمایا:
إنک تقدم علی قوم أھل کتاب فلیکن أول ما تدعوھم إلیہ عبادۃ اللہ عزّ و جلّ فإذا عرفوا اللہ فأخبرھم أن اللہ فرض علیھم خمس صلوات في یومھم و لیلتھم فإذا فعلوا فأخبرھم أن اللہ قد فرض علیہم زکاۃ تؤخذ من أغنیائھم فترد علی فقرائھم فإذا أطاعوا فخذ منھم و توقَّ کرائم أموالھم۔ ))
تم اہلِ کتاب پر متعین کئے جا رہے ہو، سو سب سے پہلے اُنہیں اللہ کی عبادت کے لئے بلاؤ، پھر اُنہیں بتاؤ کہ اللہ تعالیٰ نے اُن پر دن اور رات میں پانچ نمازیں فرض کیں ہیں، جب وہ یہ کر لیں تو اُنہیں بتاؤ کہ اللہ نے اُن پر زکوٰۃ فرض کی ہے کہ اُن کے امیروں سے وصول کی جائے اور اُن کے غرباء میں بانٹی جائے، اگر وہ مان لیں تو اُن سے (زکوٰۃ) لے لو اور اُن کے مال کے بہتر حصہ کو چھوڑ دو۔
بسا اوقات آپؐ کسی خاص شخص کو صرف اموال کا حساب کرنے اور اسے وصول کرنے کے لئے بھیجتے تھے۔ ہر سال حضرت عبداللہ ابن رواحہؓ کو خیبرؔ کے یہود کے پاس بھیجتے جو اُن کے پھلوں اور کاشت کی پیداوار کا حساب کرتے اور اموال وصول کرتے تھے۔ یہودیوں نے حضورؐ سے شکایت کی کہ حضرت عبداللہ ابن رواحہؓ حساب میں بہت سخت ہیں، پھر اُنہیں رشوت دینے کی کوشش کی، اپنی عورتوں کے زیورات سامنے لا کر رکھ دئے اور کہا کہ یہ آپ کے لئے ہیں اور درخواست کی کہ وہ حساب کتاب آسان کریں۔ حضرت عبداللہ ابن رواحہؓ نے جواب دیا اے اہلِ یہود! اللہ کی مخلوق میں تم لوگوں سے مجھے سب سے زیادہ بغض ہے لیکن میں اسے تمہارے معاملے پر اثرانداز نہیں ہونے دوں گا، اور یہ جو تم نے رشوت کی پیشکش کی ہے تو ہم یہ نہیں کھاتے۔ اُن لوگوں نے جواب دیا کہ تمہارے اس انصاف سے زمین و آسمان قائم ہیں۔ حضورؐ اپنے مقرر کئے ہوئے والیوں اور عاملوں کے احوال سے باخبر رہتے اور اِن کی جو خبریں آتیں اُنہیں بغور سنتے تھے۔ آپؐ نے بحرینؔ کے عامل العلاء ابن الحضرمیؔ کو برطرف کر دیا تھا کیونکہ اُن کے خلاف عبد قیس کے وفد کی شکایت آئی تھی۔ آپؐ اپنے عاملوں سے مکمل حساب لیا کرتے تھے اور آمدنی و مصارف کی پوچھ تاچھ کرتے تھے۔ ایک شخص کو صدقات وصول کرنے کی ذمہ داری دی تھی جب وہ واپس آیا اور اُس سے حساب طلب کیا تو اُس نے کہا یہ آپؐ کا ہے اور یہ مجھے از راہِ ہدیہ ملا ہے۔ آپؐ نے فرمایا:
((ما بال الرجل استعملہ علی عمل بما ولانا اللہ فیقول ھذا لکم و ھذا أھدي إلي، أفلا قعد في بیت ابیہ و امہ فننظر أیھدی إلیہ أم لا؟ ))
اس شخص کو کیا ہوا ہے ؟ اسے ہم نے ایسے کام پر رکھا جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں سونپا تھا، وہ شخص آ کر کہتا ہے یہ آپ کے لئے ہے اور یہ مجھے تحفتاً ملا ہے۔ تو وہ اپنے باپ اور اپنی ماں کے گھر میں بیٹھے پھر ہم دیکھیں کہ اسے ہدیہ ملتا ہے یا نہیں۔
پھر فرمایا:
((مَن أستَعمَلنَاہ عَلَی عَمَلٍ فَرَزَقنَاہ رِزقَاً فَمَا أخَذَ بَعدَ ذلِکَ فَھُو غُلُول۔ ))
جس کسی کو ہم نے کسی کام پر رکھا اور اسے کچھ اجرت دی، پھر اس نے اس کے بعد جو کچھ (اضافی) لیا وہ غبن ہے۔
یمن کے عوام نے حضرت معاذؓ کی شکایت کی کہ وہ نمازیں لمبی پڑھاتے ہیں، حضورؐ نے اُن کی سرزنش کی اور فرمایا:
((من أم فی النّاس فلیخفف))
جو لوگوں کی امامت کرے، سو اسے چاہئے کہ وہ نماز سہولت سے پڑھائے۔
آپؐ قاضیوں کو مقرر فرماتے تھے، حضرت علیؓ کو یمن کا قاضی مقرر کیا اور حضرت ابو موسی الاشعری و معاذ ابنِ جبلؓ کو یمن کے قاضی بنا کر بھیجا اور اُن سے پوچھا:
((بِمَا تحکمان، فقالا:إن لَّم نجد الحکم في الکتاب ولا في السنۃ، قسنا الاَمر بالامر، فما کان أقرب إلی الحق عملنا بہ))
تم کس (چیز سے ) فیصلے کرو گے، تو(اُن لوگوں نے )کہا کہ ہم کو اگر قرآن اور سنت میں حکم نہ ملا تو ہم ایک معاملے کو دوسرے معاملے پر قیاس کریں گے اور جو حق کے قریب تر ہو گا، اُس پر عمل(فیصلے ) کریں گے۔
آپؐ اس بات پر ا ن سے متفق ہوئے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپؐ قاضیوں کا تقرر بھی فرماتے اور اُن سے اُن کے طریقۂ عمل کی جانچ بھی فرماتے تھے۔ پھر پھر محض قاضیوں کے تعین اور اُن کے حالات سے باخبر رہنے پر آپؐ نے اکتفاء نہیں کر لیا بلکہ باقاعدہ اُن کی نگرانی کے لئے قاضیِ مظالم کا تقرر فرمایا جو قاضیوں کے فیصلوں پر نظر رکھے۔
حضور اکرمؐ عوام کے معاملات کی نگہداشت فرماتے ہر ہر نوعیت کے افعال کے لئے ایک شخص کو بحیثیت افسر اُس کام پر نگراں مقرر کرتے، جن کی حیثیت(Directors)کی طرح تھی۔ مثلاً معیقیب ابن ابی فاطمہ الدوسيؓ کیا کرتے تھے اور کبھی سمجھدار لوگوں یا اہلِ رائے اور اصحابِ عقل و فہم اور جس میں قوتِ ایمانی پاتے، رائے لینے سے ہرگز گریز نہ فرماتے۔ ان میں سات افراد مہاجرین میں سے اور سات انصار کے تھے۔ حضرت حمزہ، حضرت ابو بکر، حضرت جعفر، حضرت عمر، حضرت علی، حضرت عبداللہ ابن مسعود، حضرت سلیمان، حضرت عمار، حضرت ابو ذر، حضرت حذیفہ، حضرت مقداد اور حضرت بلال ث۔ ان کے علاوہ دیگر افراد سے بھی مشورہ کیا کرتے تھے لیکن چونکہ اِن ہی افراد سے اکثر رائے لیا کرتے تھے اس لئے اِن کی حیثیت آپؐ کی مجلسِ شوریٰ کے مترادف تھی۔
آپؐ نے زمین کی دو اقسام، پھلوں کی پیداوار اور مویشیوں پر، خواہ وہ مسلمانوں کے ہوں یا غیر مسلوں کے، محصول (Tax) مقرر فرما دئے تھے، یہ زکوٰۃ، عُشر، خراج، فئے اور جزیہ کی مدوں میں تھے۔ انفال اور مالِ غنیمت بیت المال میں جاتی تھی، زکوٰۃ کا مال اُن آٹھ مدوں پر ہی خرچ ہوتا تھا جو قرآن میں متعین کر دی گئیں ہیں، ان کے علاوہ زکوٰۃ اور کسی مد میں خرچ نہیں کی جاتی تھی اور نہ ہی حکومت کے مصارف اس سے پورے کئے جاتے تھے۔ حکومت کے مصارف کے لئے فئے، جزیہ، خراج اور مالِ غنیمت کا پیسہ استعمال کیا جاتا تھا جو کافی ہوا کرتا تھا اور کبھی بھی حکومت کے مصارف کے لئے کم نہیں پڑا۔
اس طرح اللہ کے رسولؐ نے بذاتِ خود اسلامی حکومت قائم کی اور اپنی زندگی ہی میں اس کی تکمیل فرمائی، آپؐ ریاست کے سربراہ تھے، آپؐ کے معاونین تھے، والیان، قاضی، فوج، مختلف کاموں کے لئے مخصوص افسر اور رائے مشورے کے لئے مجلسِ شوریٰ تھی۔ ریاست کا یہ ڈھانچہ یا ہیکل اپنی شکل و تصرفات کے اعتبار سے، تواتر سے ثابت شدہ اور واجب الاِتباع ہے۔ حضور اکرمؐ مدینہ منورہ تشریف لانے کے فوراً بعدسے ا پنی وفا ت تک اس ریاست کے سربراہ رہے، حضرت ابو بکر اور حضرت عمرؓ آپؐ کے معاونین یعنی وزراء رہے اور آپؐ کے بعد تمام صحابہؓ کا اس بات پر اجماع رہا کہ آپؐ کے بعد ریاست کا ایک سربراہ ہو جو حضورؐ کا بحیثیتِ سربراہ ریاست وارث ہو، نہ کہ بحیثیتِ رسول جانشین ہو، کیونکہ رسالت آپؐ پر ختم ہو گئی۔ اس طرح آپؐ نے اپنی زندگی ہی میں حکومت کا ہیکل تیار کیا اور ایک ریاست کا واضح اور معروف ڈھانچہ اپنے پیچھے اتباع کے لئے چھوڑا۔

ریاستِ اسلامی پر یہودیوں کا موقف

حضور اقدسؐ کے مقابلہ میں یہودیوں کی کوئی خاص حیثیت نہیں تھی جو اُن کے لئے وہ از خود کوئی خطرہ بن سکیں، اسلامی ریاست کو خطرہ دراصل عمومی طور پر عربوں سے اور خاص طور پر قریش سے درپیش تھا۔ اسی سبب حضورؐ نے یہود سے صرف ایسے معاہدے کئے تھے جن کی رو سے یہودی ایک طرف تو اسلامی ریاست کے زیرِ اطاعت بنے اور دوسری طرف اُنہیں اِن معاہدوں کی رو سے اسلامی ریاست کے کسی بھی حریفسے دور رکھا گیا تاکہ یہودی اسلامی ریاست کے کسی حریف سے معاہدہ نہ کر پائیں۔ لیکن یہودی اسلامی ریاست کی طاقت کو روز افزوں بڑھتا اور اس کے اقتدار کو وسیع ہوتا دیکھتے تھے اور مسلمانوں سے تکرار اور بدکلامی کرتے تھے۔ جب بدر میں مسلمانوں کو فتح حاصل ہوئی تو یہودیوں کی بدکلامی شدید تر ہو گئی اور وہ اللہ کے رسولؐ کے خلاف سازشیں کرنے لگے۔ حضورؐ کو جب اس کی اطلاع ہوئی اور پھر مسلمانوں اور یہود کے درمیان نفرت اور غصہ کی فضاء بن گئی، اب دونوں فریق ایک دوسرے کی تاک میں رہنے لگے۔ یہودیوں کی جسارتیں بڑھتی رہیں، بنی عمرو بن عوف قبیلہ کا ابو عفک ؔ حضورؐ اور مسلمانوں کے خلاف اشعار لکھتا جس میں یہی طعن ہوا کرتے، عصماء بنت مروان بھی اسلام کی برائیاں کرتی، حضورؐ کو ایذاء پہنچاتی اور مسلمانوں کو بھڑکاتی تھی۔ کعب ابن اشرف مسلم عورتوں کو راہ چلتے چھیڑتا تھا اور مکہ جا کر وہاں توہین آمیز اشعار پڑھتا اور اہلِ مکہ کو مسلمانوں کے خلاف بھڑکاتا تھا۔ مسلمان اس سب کو برداشت نہ کر پاتے اور اُنہوں نے ایسے لوگوں کو اس لئے قتل کیا کہ یہودیوں کو سبق ملے اور وہ ایسی حرکتوں سے باز آئیں۔ اس سے یہودی ڈرے تو، لیکن اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے اور اُن کی حرکتوں میں اضافہ ہو گیا۔ حضورؐ نے اُن سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کی ایذا رسانی سے باز آ جائیں یا قریش جیسے انجام کے لئے تیار رہیں۔ یہودی اس تنبیہ سے متاثر نہیں ہوئے اور جواب دیا : ’’ اے محمدؐ دھوکہ میں نہ رہنا، تم نے اُن لوگوں سے مقابلہ کیا تھا جو فنِ حرب سے نابلد تھے، اگر ہم تم سے بھڑ گئے تو تمہیں پتہ چل جائے گا کہ ہم کیا ہیں ‘‘۔
اب مسلمانوں کے پاس اُن سے لڑنے کے سوا اور کوئی راستہ نہ بچا تھا چنانچہ مسلمانوں بنو قینقاع ؔ پہنچے اور اُن کا محاصرہ کر لیا جو مسلسل پندرہ دن جاری رہا، اِس دوران نہ وہ باہر آ سکتے تھے اور نہ ہی کوئی غذاء اُنہیں بہم پہنچا سکتا تھا۔ یہ لوگ اب مجبور ہو گئے اور خود کو آپؐ کی مرضی کے سپرد کر دیا، آپؐ نے اِنہیں مدینہ چھوڑ کر جانے دیا۔ بنی قینقاع ؔ مدینہ سے نکل کر وادی قریٰؔ پہنچے جہاں کچھ عرصہ تک رکے اور پھر شمال کی جانب آگے بڑھتے بڑھتے شام ؔ کی سرحد پر واقع اذرعاتؔ کے مقام پہنچ گئے۔ اس واقع سے یہود کا وقار مجروح ہوا اور وہ واضح طور پر مسلمانوں کے تابعدار ہو گئے، البتہ یہ مسلمانوں کی قوت اور خود کو بربادی سے بچانے کے لئے اُن کا قدم تھا۔
یہی وجہ تھی کہ جیسے ہی اُنہیں موقع ملا پھر حرکت میں آ گئے، جنگِ احد ؔ میں جب مسلمانوں کو شکست کا سامنا ہوا، تو یہودیوں کی نفرت پھر کھل کر دکھنے لگی اور اُنہوں نے حضورؐ کو قتل کرنے کی سازش رچی۔ جب آپؐ کو اس سازش کا احساس ہوا تو آپؐ نے مناسب سمجھا کہ معاملہ کی تہہ تک پہنچا جائے، چنانچہ آپؐ دس جلیل القدر صحابہؓ کے ہمراہ بنو نضیرؔ کے پاس کسی کام سے گئے، جن میں حضرت ابو بکر، حضرت عمر اور حضرت علیؓ شامل تھے۔ یہودیوں نے بظاہر بڑی خوش اخلاقی اور تپاک سے آپؐ کا خیر مقدم کیا لیکن اللہ کے رسولؐ نے محسوس کیا کہ یہودی کسی سازش میں بہرحال مشغول ہیں۔ آپؐ نے دیکھا کہ ایک شخص اُٹھ کر باہر نکلا اور دوسرا اُس جانب سے داخل ہوا جس دیوار سے آپؐ ٹکے ہوئے تھے۔ اب آپؐ کا شک اور بڑھ گیا کہ جو خبریں یہود کی سازشوں کے بارے میں آ رہی تھیں وہ سچ تھیں۔ حضورؐ وہاں سے اُٹھ کر چلے گئے اور صحابۂ کرامؓ وہیں رہے اور یہودیوں نے سوچا کہ شاید آپ کو کوئی کام پڑ گیا ہو، لیکن جلد ہی اُنہیں شبہہ ہوا کہ کہیں حضورؐ نے اُن کی نیت بھانپ لی ہے لہٰذا اب وہ صحابہؓ سے بہت خوش اخلاقی سے اُنہیں خوش رکھنے کی غرض سے باتیں کرنے لگے۔ صحابہؓ تھوڑی دیر وہیں رکے پھر حضور اکے پاس چلے آئے جو مسجد میں داخل ہو چکے تھے۔ حضورؐ نے اُنہیں اپنے شک کے بارے میں بتایا اور محمد ابن مسلمہ کو بھیجا اور یہ حکم دیا کہ وہ شہر چھوڑ کر چلے جائیں، اس کام کے لئے اُن کو دس دن کی مہلت دی گئی اور اس مہلت کے بعد اُن کا محاصرہ کیا اور اُنہیں نکالا۔ اِن میں کچھ لوگ خیبرؔ جا کر وہیں رُک گئے اور بعض آگے بڑھ کر شام ؔ میں اذرعاتؔ کے مقام چلے گئے۔ اس طرح مدینہ اُن کے شر سے پاک ہوا، اب یہود میں صرف بنو قریظہ مدینہ میں رہ گئے تھے اور کیونکہ اُنہوں نے اپنے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی تھی لہٰذا اُن سے اللہ کے رسولؐ نے کسی قسم کا تعرض نہیں کیا۔
بنی قینقاع ؔ اور بنی نضیرؔ کا انجام دیکھ کر بنی قریظہؔ کے یہود اب مسلمانوں سے بڑی دوستی سے پیش آنے لگے، گو کہ دراصل یہ مسلمانوں سے خوف کے سبب ایک وقتی ضرورت کے طور پر تھی، جیسے ہی بنی قریظہؔ نے دیکھا کہ تمام احزاب مسلمانوں سے نمٹنے کے لئے آ گئے ہیں اور اُنہوں حیي ابن اخطبؔ کی بات مان لی اور مسلمانوں کو ختم کرنے کی سازش میں شامل ہو کر اپنے معاہدے کی خلاف ورزی کر بیٹھے۔ احزاب کا مدینہ پر محاصرہ ختم ہوا تو حضورؐ صحابۂ کرامؓ کے ہمراہ وہاں پہنچے اور بنی قریظہ کا محاصرہ کیا جو پچیس دن تک جاری رہا اور اس دوران وہ اُس سے نکلنے کی جرأت نہ کر سکے۔ جب اُنہیں یہ یقین ہو گیا کہ وہ اپنے قلعہ اس طرح محفوظ نہیں رکھ پائیں گے تو اُنہوں نے حضور سے درخواست کی کہ ابو لبابہؓ کو اُن کے پاس بھیجا جائے تاکہ وہ اُن سے اپنے اس معاملہ میں مشورہ کر سکیں۔ ابو لبابہؓ قبیلۂ اوسؔ سے تھے اور زمانۂ جاہلیت میں یہودیوں کے حلیف رہ چکے تھے۔ ابو لبابہ جب یہودیوں کے پاس پہنچے تو وہ لوگ اُن سے ملنے کے لئے آگے آئے اور اُن کی عورتیں اور بچے روتے ہوئے آئے۔ اُنہوں نے ابو لبابہ ؓ سے پوچھا کہ اُنہیں خود کو محمدؐ کے فیصلوں کے حوالہ کر دینا چاہئے ؟ابولبابہ نے جواب دیا کہ ہاں اور ساتھ ہی گردن کی طرف اشارہ کیا جس کا مطلب واضح تھا کہ گردنیں قلم کر دی جائیں گی، اس کے بعد ابو لبابہ واپس آ گئے۔ کعب ابن اسد نے کچھ مشورے دئے جنہیں یہودیوں نے نامنظور کر دیا۔ کعب نے اُن سے کہا کہ اب تمہارے پاس خود کو محمد ؓ کے حوالے کرنے کے اور کوئی چارہ نہیں رہ گیا ہے۔ یہودیوں نے حضور اکے پاس پیغام بھیجا کہ اُنہیں اذرعاتؔ جانے دیا جائے اور وہ اپنا مال و متاع یہیں چھوڑ کر چلے جائیں گے، اس کو آپؐ نے مسترد کر دیا، اب یہودیوں کے پاس صرف ایک ہی راستہ رہ گیا تھا کہ وہ اپنے آپ کو حضورؐ کے فیصلے حوالے کر دیں۔ اس کے بعد یہودیوں نے اپنے سابقہ حلیف یعنی قبیلۂ اوس ؔ کی مدد چاہی کہ وہ حضور اکے سامنے یہودیوں کی سفارش کریں، جب اوسؔ نے حضور اسے رجوع کیا تو آپؐ نے فرمایا:
((ألا ترضون یا معشر الأوس أن یحکم فیھم رجلٌ منکم؟))
اے قوم اوس! کیا تم یہ نہیں چاہتے کہ تمہارا ایک شخص اُن کا فیصلہ کرے ؟
قبیلۂ اوس اس بات راضی تھے، چنانچہ آپؐ نے حضرت سعد ابن معاذؓ کو نامزد کیا کہ وہ اوس کی طرف سے یہودیوں کا فیصلہ کریں۔ حضرت سعد ابن معاذؓ نے پہلے دونوں فریقوں سے یہ وعدہ لیا کہ وہ اُن کا فیصلہ مان لیں گے اور اُس پر راضی ہوں گے، دونوں نے جب اس پر اپنی رضا ظاہر کر دی کہ پہلے یہودی اپنے ہتھیار ڈال کر باہر آ جائیں، جب یہودیوں نے اس پر عمل کر لیا تو حضرت سعد نے اپنا فیصلہ سنایا کہ یہودیوں کے آدمی قتل کر دئے جائیں، اُن کا مال تقسیم کر دیا جائے اور اُن کی عورتیں اور بچے قید کر لئے جائیں۔ آپؐ نے جب یہ فیصلہ سنا تو فرمایا:
((لقد حکمت فیھم بحکم اللہ من فوق سبعۃ أرقعۃ))
تم نے وہ فیصلہ کیا جو سات آسمانوں پر سے اللہ کا فیصلہ تھا۔
اس کے بعد مدینہ کے بازار کے پاس خندقیں کھود نے کا حکم دیا اور یہودیوں کو قتل کر کے اُس میں دفن کر دیا گیا، عورتوں اور بچوں کو مسلمانوں میں تقسیم کر دیا گیا اور مالِ غنیمت میں سے خمس یعنی پانچواں حصہ اور کچھ مزید روک لینے کے بعد اُسے بھی مسلمانوں میں منقسم کر دیا گیا۔ اُس روکے ہوئے حصہ کو حضرت سعد ابن زید الانصاری ؓ کو دیا گیا تاکہ وہ نجدؔ جا کر وہاں سے گھوڑے اور ہتھیار خریدیں جس سے مسلمانوں کی اضافہ ہوا۔
اس طرح بنی قریظہ کا کام تمام ہوا لیکن ابھی بھی خیبرؔ کے یہود باقی تھے جو کافی مضبوط بھی تھے اور مسلمانوں سے اُنہوں نے کوئی معاہدہ یا صلح بھی نہیں کی تھی، اِنہی نے صلح حدیبیہ ؔ سے قبل قریش کے ساتھ مل کر سازشیں رچی تھیں، اور اِن کا وجود ریاستِ اسلامی کے لئے مضر تھا۔ چنانچہ حدیبیہ کا معاہدہ ہوتے ہی حضور اکرمؐ نے فوج تیار کر کے خیبرؔ پر چڑھائی کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہاں کے یہود سے نمٹا جائے۔ ایک ہزار چھ سو جانبازوں پر مشتمل فوج تیار کی گئی جن کے ساتھ سو گھڑسوار بھی تھے۔ یہ فوج خیبر پہنچ کر اُن کے قلعوں کے باہر ہر طرح سے تیار اور اللہ کی مدد پر مکمل یقین سے لیس خیمہ زن ہوئی۔ یہودیوں نے آپس میں مشورے کئے، سلام ابن مشکم کا مشورہ تھا کہ یہودی اپنے مال اور عیال کو سلالمؔ اور وطیح ؔ کے قلعوں میں محفوظ کریں اور ناعمؔ کے قلعے میں اسلحہ رکھیں۔ پھر سلام بن مشکم اپنے سپاہیوں کو جنگ کے لئے ترغیب دلاتا ہوا نطاۃؔ کے قلعے گیا۔ اسی قلعے کے باہرمسلمانوں اور یہود کے مابین شدید خوں ریز جنگ ہوئی جس میں ایک ہی دن میں پچاس مسلمان زخمی ہو گئے۔ ادھر سلام مارا گیا اور فوج کی کمان الحارث بن ابی زینبؔ نے سنبھالی، الحارث نے بہت شدت سے مسلمانوں پر حملہ کیا لیکن مسلمانوں کے اہل خزرج نے نہایت دلیری سے مزاحمت کی اور یہود کو پیچھے ہٹ کر قلعوں میں پناہ لینا پڑی۔ مسلمان حملے کرتے رہے لیکن یہودیوں قلعہ بند رہ کر مزاحمت کرتے رہے اور یوں دن پہ دن گزرتے گئے۔ حضورؐ نے حضرت ابو بکرؓ کو بھیجا کہ وہ قلعہ کو فتح کر سکیں لیکن اُنہیں کامیابی نہیں ہوئی، پھر حضرت عمرؓ کو بھیجا اور اُن کے ساتھ بھی وہی معاملہ رہا۔ اس کے بعد حضورؐ نے فرمایا:
((لأعطین الرایۃ غداً رجلاً یحب اللہ و رسولہ یفتح اللہ علی یدہ لیس بفرّار))
کل پرچم اُس شخص کو دیا جائے گا جو اللہ اور اُس کے رسول سے محبت رکھتا ہے اور اللہ اُس کے ذریعے فتح دے گا۔
پھر حضورؐ نے حضرت علی ؓ کو بلایا اور فرمایا:
((خذ ھذاہ الرایۃ فأمض بھا حتی یفتح اللہ علیک))
یہ پرچم لو اور اُس وقت تک ثابت قدم رہو جب تک اللہ فتح دیدے۔
حضرت علی ؓ جب قلعے پر پہنچے تو کچھ یہود نے باہر آ کر اُن کا مقابلہ کیا اور ایک یہودی کی تلوار ایسی لگی کہ حضرت علی ؓ کے ہاتھ سے اُن کی ڈھال گر گئی، اُنہوں نے ہاتھ بڑھا کر قلعے کا ایک دروازہ اُٹھا لیا جو وہیں پڑا تھا اور اُسی کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور آگے بڑھتے رہے۔ جب وہ قلعے میں پہنچ گئے تو اُسی دروازے کو اس طرح زمین پر بچھا دیا کہ مسلمان اُس پر سے پل کی طرح گزر کر قلعے میں داخل ہو گئے۔ اس طرح قلعۂ ناعمؔ فتح ہوا اور پھر ایک ایک کر کے باقی قلعے بھی فتح ہوتے گئے یہاں تک کہ اخیر میں وطیح ؔ اور سلالمؔ کے قلعے بھی ہاتھ آ گئے۔ یہود کے دلوں پر مایوسی چھا اور اُنہوں نے صلح کی پیشکش کی کہ اُن کی جان بخش دی جائے۔ حضورؐ نے اسے قبول کر لیا کہ وہ خیبر میں رہ سکتے ہیں اور وہ زمین اب فتح کے بعد مسلمانوں کی ہو گئی تھی اُس پر وہ کاشت کریں اور اپنی محنت کے عوض وہ آدھی پیداوار کے حقدار ہوں گے۔ اس طرح جب خیبرؔ اسلامی حکومت کے تابع ہو گیا تو فدکؔ کے یہودی بھی خوفزدہ ہوئے اور صلح کی پیشکش کی، یوں فدکؔ بھی ریاستِ اسلامی کے تابع ہو گیا، اور وہاں کے آدھی پیداوار بھی مسلمانوں کی ہو گئی۔ حضورؐ وادی القریٰ کے راستے سے ہوتے ہوئے مدینہ شریف لوٹ رہے تھے، راستے میں وادی تیمائؔ کے یہود نے بھی بغیر کسی لڑائی کے اسلامی حکومت کی تابعداری قبول کی۔ اب یہود کے سارے قبائل سے نمٹ لیا جا چکا تھا اور حضورؐ کو ریاست کی داخلی امن کی جانب سے مکمل اطمینان ہو گیا تھا۔

ریاست اسلامی کی بقاء و دَوام

حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی وفات کے بعد صحابۂ کرامؓ کا اجماع ہوا کہ آپؐ کے خلیفہ کو منتخب کر کے اُس پر بیعت کی جائے اور وہ ریاست کی سربراہی میں حضورؐ کا جانشین ہو۔ اس شخص کو خلیفہ، امیر المؤمنین، امام یا سلطان کہا گیا اور بیعت کے بغیر کوئی بھی خلیفہ نہیں بنا۔ مسلمان اسی طرح ۱۳۴۲ ھ مطابق ۱۹۲۴ ء تک ریاست کا سربراہ منتخب کرتے رہے۔ اسلامی ریاست آخری خلیفہ تک یعنی اپنے اختتام تک اسی طرح چلتی رہی کہ کوئی بھی شخص بیعت کے بغیر خلیفہ نہیں بنا۔ بیعت کی نوعیت البتہ مختلف رہی، کسی کو براہِ راست بیعت دی گئی، کسی خلیفہ نے دوسرے شخص کو جو اُس کا عزیز یا رشتہ دار نہ تھا نامزد کیا، بعض نے اپنے اقارب میں سے یا اپنے بیٹے کو نامزد کو نامزد کیا، بعض نے اپنے اقارب میں سے ایک سے زیادہ کو بھی نامزد کیا۔ لیکن کوئی بھی محض ایسی نامزدگی بھر سے خلیفہ نہیں بنا، منصب حاصل کرتے وقت بیعت لے کر ہی اُس کی خلافت کا انعقاد عمل میں آیا۔
اسی طرح بیعت حاصل کرنے کا طریقۂ کار مختلف رہا، کبھی یہ بیعت اہلِ حل ّ و عقد سے لی گئی، کبھی عوام سے اور کبھی ’شیخ الإسلام، سے، بعض اوقات اس کا غَلط استعمال بھی ہوا، لیکن بہرحال منصبِ خلافت کے لئے ہمیشہ بیعت کا ہی طریقہ اپنایا گیا، محض ولی عہدی سے کوئی خلیفہ نہیں بنا۔ ہر خلیفہ نے اپنے معاونین مقرر کئے جنہیں کسی کسی دور میں ’وزیر، کا نام دیا گیا۔ ہر دور میں خلیفہ نے والی، قاضی القضاۃ اور فوج کے قائدین اور مختلف محکمات کے سربراہان مقرر کئے، اور ہر دور میں یہی شکل قائم رہی اور اس میں کسی تغیر کے بغیر اس وقت تک چلتی رہی جب کافر مستعمرین نے عثمانی خلافت کا خاتمہ کر کے عالمِ اسلامی کو کئی چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا۔
اس طویل تاریخ میں کئی واقعات رونما ہوئے جو کسی بیرونی اثر کے باعث نہیں بلکہ اُس وقت کے حالات پر اسلامی سمجھ یا فہم کا نتیجہ تھے۔ ہر ایک نے موجودہ حالات کو اپنے فہم و ادراک پر تصور کیا۔ یہ لوگ مجتہد تھے، جنہوں نے صورتِ حال سے نمٹنے کا طریقہ صورتِ حال کے اپنے فہم کے مطابق سمجھا۔ یہی وجہ ہے کہ تنازعہ یا اختلاف کا محور خلیفہ کی ذات تھی نہ کہ اختلاف خلافت کے موضوع پر ہوا ہو۔ بلکہ خلافت تو فی نفسہٖ ہمیشہ بالائے اختلاف رہی۔ یا اختلاف کی نوعیت یہ رہی کہ خلیفہ کون ہو، اس بات پر اختلاف نہیں ہوا کہ حکومت کی شکل کیا ہو۔ مزید یہ اختلاف جب بھی ہوا ہمیشہ کسی فروعی یا تفصیلی موضوع پر ہوا، نہ کہ کسی اصول پر یا ہیکل کی نوعیت پر۔ مسلمانوں میں اختلاف کبھی بھی اللہ کی کتاب یا سنتِ رسولؐ پر نہیں ہوا بلکہ اِن چیزوں پر اُن کا فہم ہی موضوع اختلاف رہا۔ اسی طرح خلیفہ کو مقرر کرنے پر کبھی تنازعہ نہیں ہوا بلکہ اس بات پر کہ خلیفہ کون ہو، اور نہ ہی اسلام کے پورے پورے نفاذ اور سارے عالم میں اس کی دعوت کبھی امت میں تنازعہ کا موضوع بنی۔ ہمیشہ یہی ہوا کہ اسلام کو نافذ کیا گیا اور اسلام کی دعوت کو عالم میں پہنچایا گیا۔ یہ البتہ ہوا کہ اسلام کے نفاذ میں بعض اوقات غلطیاں ہوئیں جو کبھی اسلام کے حکم کے غلط تصور کے باعث تھیں تو کبھی اُن سے مقصود غلط تھا، لیکن جو چیز ہمیشہ نافذ کی گئی وہ صرف اسلام تھی نہ کہ کچھ اور۔ ہر دور میں اسلامی ریاست کے دوسرے ممالک اور علاقوں سے تعلقات کے محور اسلام اور سارے عالم کو اس کی دعوت پہنچانا ہی رہے۔ یہی وجہ ہے کہ اندرونی اختلافات کے باوجود نئی فتوحات ہوتی رہیں اور دعوت پہنچائی جاتی رہی، یہ دونوں چیزیں کبھی اندرونی تنازعات سے متاثر نہیں ہوئیں کیونکہ یہ اندرونی تنازعات کا موضوع کبھی تھیں ہی نہیں، اور ریاستِاسلامی میں نئی فتوحات کا سلسلہ اسی طرح گیارھویں صدی ہجری مطابق سترویں صدی عیسوی تک جاری رہا۔ ایرانؔ، ہندوستانؔ اور کوہِ قازؔ اِن فتوحات میں سے تھے اور اسلامی ریاست کی سرحدیں پھیلتی ہوئی چین اور روس سے ہوتی ہوئی بحر قزوینؔ سے جا ملیں۔ شمال میں شامؔ فتح ہوا، مغرب کی جانب مصرؔ، مکمل علاقۂ شمالی افریقہؔ اور اندلسؔ یعنی اسپین ؔ فتح ہوئے۔ اسی طرح اناتولیہ(ترکی)، بلقان (Balkan)(سربیاؔ، بوسنیاؔ وغیرہ) اور یوروپ کے مشرقی اور جنوبی حصوں سے ہوتا ہوا بحر اسود (Black Sea)تک احاطہ کر لیاجس میں کریمیاؔ(Cremea) اور اوکرانیہ ؔ (Ukraine)کے جنوبی حصے بھی آ گئے۔ اسلامی فوجیں آگے بڑھتے ہوئے آسٹریا (Austria)کے پایۂ تخت وئننا(Vienna) کے دروازوں تک پہنچ گئے تھے۔ مسلمان فوج کبھی بھی فتوحات سے اور دعوت کے پہنچانے سے غافل نہیں رہی، یہ اُسی وقت ہو ا جب اُس میں اسلام کے تعلق سے کمزوری آ گئی اور اسلام کے مفاہیم و افکار امت کے ذہنوں میں اپنی اصلی شکل کھو بیٹھے۔ اسلام کا فہم امت میں اس قدر کمزور ہو گیا کہ اس کا نفاذ متاثر ہونے لگا اور امت نے مخالف مبداء کے آراء و مفاہیم کو یہ سمجھ کر اپنا لیا کہ یہ اسلامی فکر سے مختلف نہیں ہیں، اور یہی سوچ بالآخر ریاستِ اسلام کی بربادی پر منتج ہوئی۔
ریاستِ اسلامی کی ترقی ہمیشہ مسلمانوں کی فکری بلندی، تخلیقی مہارت اور اجتہاد کے ساتھ ہم قدم رہی۔ پہلی صدی ہجری میں فتوحات بہت پھیلیں تو امت میں اجتہاد کی سطح بھی اُتنی ہی بلند تھی اور نئے علاقوں کے نئے مسائل کے لئے حل کا استنباط اسی اجتہاد سے ہوا۔ نئے مفتوحہ علاقوں جیسے شامؔ، مصرؔ، ایرانؔ، ہندوستانؔ، اسپینؔ، عراقؔ اور قفقازؔ میں نئے مسائل پر شریعتِ اسلامی کی تطبیق اسی اجتہاد سے ہوئی اور اِن علاقوں کے لوگ اسلام کے سائے میں آتے گئے۔ یہی استنباط کے صحیح ہونے، اجتہاد کے وسیع ہونے اور مسلمانوں کی زبردست قوتِ تخلیق کا ثبوت ہیں۔ کیونکہ اسلام ایک ناقابلِ انکار حق ہے اور اس کا صحیح فہم اس بات کو ممکن اور یقینی بناتا ہے کہ لوگ احکام کے لئے اسلام سے رجوع کریں اور اس کے احکام کی تعلیم دیں۔ یہ خصائص یعنی مسلمانوں کا فکری امتیاز، اُن کی قوتِ تخلیقی اور وسیع اجتہاد پانچویں صدی ہجری مطابق گیارھویں صدی عیسوی تک مسلمانوں میں رہے، اور پھر تخلیقی قوت میں جہاں ضعف آیا، وہیں اجتہاد میں کمزوری آئی اور اس کا اثر ریاستِ اسلامی کے وجود پر پڑنے لگا۔ پھر صلیبی جنگوں کا آغاز ہوا، مسلمان اِن جنگوں میں گھرے رہے جو بالآخر مسلمانوں کی فتح پر ختم ہوئیں اور پھر مملوکؔ بادشاہوں کا دور آیا۔ مملوک سلاطین ایک طرف تو اجتہاد کی استطاعت نہیں رکھتے تھے اور دوسری طرف اُنہوں نے اسلامی مفاہیم پر بھی توجہ نہیں دی، جس کے باعث ریاستِ اسلامی پہلے فکری تنزل کا شکار ہوئی اور پھر سیاسی تدبر کا فقدان آیا۔ پھر تاتاریوں ؔ کا حملہ ہوا جنہوں نے بے شمار کتب نہرِ دجلہؔ (Tigris)میں بہا ڈالیں اور اس طرح امت کے تہذیبی ذخیرے کو تاراج کر دیا۔ اجتہاد کا فقدان درحقیقت اسی فکری بلندی کے خاتمے کا نتیجہ تھا۔ اب نئے مسائل کے حل کے لئے فکری بحث کی جگہ صرف فتاویٰ جاری کرنے تک سمٹ کر رہ گئی اور نصوص شرعیہ کی تاویلیں ہونے لگیں اور یہی فکری پستی ریاست کے ہر شعبے میں ظاہر ہونے لگی جو سیاسی پستی کی شکل میں واضح تھی۔
اس کے بعد عثمانی خلافت آئی اور اُنہوں نے ایک بڑی فوجی طاقت بنا کر استنبولؔ اور بلقان کو فتح کیا اور یوروپ میں بھی بڑی فتح حاصل کی، جس سے یہ ریاست دنیا کی سب سے بڑی ریاست اور قوت بن گئی لیکن فکری بلندی کا پھر بھی وہی فقدان برقرار رہا۔ اس فوجی ترقی کی بنیاد کسی قسم کی فکری بلندی نہیں تھی لہٰذا یہ فوجی بلندی ماند پڑتی گئی یہاں تک کہ اس کا اختتام ہو گیا۔ البتہ ریاست اب بھی اسلام پر ہی قائم تھی اور اسی کی دعوت دے رہی تھی، یہی وجہ ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ اسلام کی طرف مائل ہوئے اور آج بھی وہ مسلمان ہی ہیں۔
واقعہ یہ تھا کہ اسلام کے فہم کے مختلف نظریات، خلیفہ کا نظامِ حکومت کے لئے احکام کا تبنی نہ کرنا گو کہ بعض معاشی نوعیت کے احکام تبنی کئے گئے، ان کی وجہ سے بعض حکام اور والیان پر منفی اثر پڑا اور ریاست کی وحدت اور قوت مجروح ہوئی بہرحال اس کا وجود برقرار رہا۔ والیوں کو ولایتِ عامہ کا دئے جانے اور وسیع اختیارات اُن کے حوالے کرنے سے والیوں میں خود مختاری کے جذبے اُبھرنے لگے۔ اب اِن والیوں کی حیثیت قریب قریب آزاد سلطانوں کے مانند ہو گئی تھی جو خلیفہ کو محض بیعت دینے پر اکتفاء کرتے تھے، یا منبروں پر اُن کے نام سے دعاء کرواتے یا پھر اُن کے نام کے سکے ڈھلوائے جاتے وغیرہ۔ جبکہ اصل حکومت و فرمانروائی اِن ہی کے ہاتھوں میں رہتی، اس سے اِن علاقوں کی حیثیت خودمختار ممالک جیسی ہو گئی۔ حمدانی ؔ اور سلجوقی ؔ ریاستیں اس کی مثال ہیں۔
یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ صرف عام ولایت دینے سے ریاست کی وحدت مجروح ہوئی، عمرو بن العاص کی مصر میں ولایتِ عامہ تھی اور معاویہ ابن ابو سفیان کی شام میں، جبکہ یہ دونوں علاقہ ریاست سے علیحدہ نہیں ہوئے۔ حقیقتاً ہوا یہ کہ جب خلفاء خود کمزور ہوئے اور اُنہوں نے اِس صورتِ حال کو قبول کر لیا تو ایسی حالت میں ریاست کی وحدت پر ضرب پڑی۔ اس سب کے باوجود ریاست ہمیشہ ایک ہی رہی، خلیفہ ہی والیوں کی تقرری کرتے رہے اور کبھی بھی کسی خلیفہ کو تسلیم کرنے سے انکار نہیں کیا گیا خواہ کوئی والی کتنا ہی با اثر اور مضبوط کیوں نہ رہا ہو۔ نہ ہی ریاستِ اسلامی کسی بھی دور میں مختلف ولایات کا ایک وفاق یا اتحاد رہا۔ حتیٰ کہ جس وقت والیوں کی خودمختاری اپنے عروج پر تھی، اُس وقت بھی خلیفہ ہی کے پاس ہمہ قسم کے اختیارات تھے خواہ وہ مرکز کے ہوں، ولایات سے متعلق ہوں، شہروں یا قصبوں کی بات ہو ہو یا گاؤوں کا معاملہ ہو۔
اسپینؔ کی خلافت اور مصرؔ میں فاطمی خلافت کا معاملہ والیوں کے معاملہ سے مختلف نوعیت کا رہا۔ اسپینؔ کے والیوں نے خودمختار خلافت کا اعلان کیا اور خلیفہ پر بیعت نہیں کی۔ بعد از آں وہ صرف اسپینؔ کے لوگوں کا خلیفہ کہلایا گیا نہ کہ تمام مسلمانوں کا، مسلمانوں کا خلیفہ ایک ہی رہا جس کے پاس حکومت تھی۔ اسپینؔ کی حیثیت ہمیشہ ایک ایسی ولایت کی رہی جو خلیفہ کے دائرے سے باہر تھی۔ یہی صورتِ حال عثمانی خلافت کے دوران ایرانؔ کی بھی رہی، یہاں خلیفہ کی فرماں روائی نہیں تھی اور ایران خلافتِ عثمانی سے باہر ایک آزاد ولایت تصور کی جاتی تھی۔ مصرؔ کی فاطمی ولایت کی بناء اسماعیلی فرقہ نے ڈالی تھی جو ایک کافر فرقہ ہے جن کے افعال کا کوئی اعتبار نہیں ہے، فاطمی ولایت کو نہ تو اسلامی ریاست تسلیم کیا گیا اور نہ ہی خلافت۔ یہاں تک کہ عباسی خلافت ہوتے ہوئے فاطمی ولایت کے وجود کو ایک سے زیادہ خلافت ہونے پر بھی تعبیر نہیں کیا گیا کیونکہ یہ کوئی شرعی خلافت تھی ہی نہیں۔ فاطمی حکومت کی حیثیت ہمیشہ یوں گردانی گئی کہ یہ کافر فرقہ کی باطل کوشش تھی کہ وہ ریاستِ اسلامی کو اپنے ہاتھ میں لے کر اُس میں اپنے باطل نظریات سے حکومت کرے۔ لہٰذا ریاستِ اسلامی ایک ہی ریاست رہی جو محض اجزاء کا مجموعہ نہیں تھی بلکہ ایک متحدہ ہیئت تھی۔ اس قسم کی کوششیں ریاست کو ایک مخصوص نظریہ میں ڈھالنے کی تھیں، لیکن ان سب کے باوجود ریاستِ اسلامی ایک مؤحد حیثیت سے رہی اور اس کا بیک وقت ایک ہی خلیفہ رہا۔ اس بات کی ایک اور دلیل کہ ریاستِ اسلام ایک ہی ریاست رہی یہ حقیقت ہے کہ ایک مسلمان پوری طرح آزاد تھا کہ وہ دنیا کے مشرقی حصہ سے مغربی کونے تک بلا کسی رول ٹوک آ جا سکتا تھا اور کوئی اس کے مقام کے بارے میں پوچھتا تھا نہ ہی اسے اس نقلِ مکانی کے لئے کسی کی اجازت درکار تھی کیونکہ وہ بہرحال ایک ہی اسلامی ریاست کے ایک حصہ سے دوسرے حصہ منتقل ہو رہا ہوتا تھا۔ اس طرح اس اسلامی ریاست نے تمام مسلمانوں کو ایک متحدہ وحدت میں جوڑ رکھا تھا۔ یہ ریاست بعض دور میں بہت قوی بھی رہی، لیکن ۱۹۲۴ ء میں کافر سامراج نے اس اسلامی ریاست کو باعتبار ایک اسلامی حکومت کے اپنے مہرے کمال پاشا اتاترک کے ہاتھوں نیست و نابود کر دیا۔

ریاستِ اسلامی کی داخلہ پالیسی

اسلامی ریاست کی داخلی پالیسی کا ہدف اسلامی احکام کا نفاذ ہوتا ہے اور یہ ریاست ہمیشہ اُن علاقوں میں جو اس کے تابع رہے اسلامی احکام ہی نافذ کئے، معاملات کو ا اسلامی احکام کے تحت منظم کیا، حدود قائم کیں، عقوبات نافذ کیں، اعلیٰ اخلاق کا لوگوں کو پابند بنایا اور عبادات اور دیگر شعائرِاسلامی کی پابندی کو یقینی بنایا اور عوام کے تمام معاملات کی نگہداشت اسلامی احکام ہی سے کی۔ اسلام نے وہ طریقہ متعین کر دیا ہے جس کی رو ہر شخص کے معاملات اسلامی احکام کے تحت طے کئے جاتے ہیں جو اسلامی اقتدار میں ہوں خواہ وہ لوگ مسلمان ہوں یا نہ ہوں۔ اسلامی ریاست نے یہی طریقہ اختیار کیا تھا کیونکہ اسلام میں جس طرح مسائل و معاملات کا حل حکم شرعی ہے اسی طرح اُن کے نفاذ کا اسلوب بھی حکم شرعی ہی ہے۔ اسلام کے مخاطب تمام انسان ہیں کیونکہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ نے بنی نوعِ انسان کو صرف انسان ہونے کے وصف سے مخاطب کیا ہے :
(یٰٓاَیُّھا النَّاس اعبُدُوا رَبَّکُم الَّذِی خَلَقَکُم وَالَّذِینَ مِن قَبلِکُم لَعَلَّکُم تَتَّقُونَ لا )
اے لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں اور تم سے پہلے کے لوگوں کو پیدا کیا، یہی تمہارا بچاؤ ہے۔
(ترجمہ معانی : سورۂ بقرۃ :آیت:۲۱)
(یٰٓاَیُّھَا الاِنسَان مَاغَرَّکَ بِرَبِّکَ الکَرِیمِ لا )
اے انسان! تجھے اپنے ربِ کریم سے کس چیز نے بہکایا؟ (ترجمہ معانی : سورۂ انفطار :آیت:۶)
اصول فقہ کے ائمہ کرام رحمہم اللہ کے نزدیک شریعت کے احکام کا مخاطب ہر عاقل شخص ہے خواہ وہ مسلم ہو یا غیر مسلم۔ حضرت امام غزالی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اپنی کتاب’ المستصفیٰ فی علم الأُصول، میں لکھتے ہیں :
محکوم علیہ(رعایا کا کوئی بھی فرد) مکلف ہے بشرطیکہ وہ اتنی عقل رکھتا ہو کہ خطاب کو سمجھے۔۔۔ جو چیز کسی انسان کو احکام شرعیہ پر عمل پیرا ہونے کا مکلف بناتی ہے وہ اُس کا محض انسان ہونا ہے جس کے باعث اُس میں وہ عقل ہے جس کے ذریعے وہ اللہ تعالیٰ کے احکام کا ادراک کرتا ہے۔
لہٰذا اسلام کے مخاطب تمام بنی آدم ہیں اور یہ خطاب اُن کے لئے ایک پکار بھی ہے اور عمل کے لئے اُنہیں مکلف بھی کرتی ہے۔ خطاب کا پکار ہونے سے مراد لوگوں کو اسلام قبول کر لینے کی دعوت سے ہے جبکہ خطاب کا عمل کے لئے مکلف بنانے سے مقصود لوگوں کو اسلام کے احکام کا پابند کرنے سے ہے۔ یہ بات تمام انسانوں کے لئے باعتبار انسان ہے، رہی بات اُن لوگوں کی جو اسلامی ریاست کے تابع ہوں یعنی اس کے شہری ہوں تو اسلام اُنہیں ایک ایسی جماعت کی حیثیت سے دیکھتا ہے جس پر اِس کے احکام نافذ ہو رہے ہوں۔ اس میں اُن لوگوں کی قومیت یا نسل کی کوئی اہمیت نہیں، زیرِ نظر صرف یہ ہے کہ وہ ریاست کے شہری ہوں یعنی ریاست کا حصہ اور اُس کے قانون کے تابع ہوں۔ اس ریاست میں کسی فرقہ کے اقلیت ہونے کا کوئی تصور نہیں ہوتا بلکہ محض انسان ہونے کے اعتبار سے ریاست کی رعایا ہوتا ہے، جب تک کہ اس کے تابع رہے۔ لہٰذا جو کوئی اس ریاست کا تابع ہوتا ہے قطع نظر اس سے کہ وہ مسلم ہے یا غیر مسلم، اُس کے حقوق وہی ہوتے ہیں جو شریعت نے طے کئے ہیں۔ مثلاً ایک مسلم شخص ہے جو اس ریاست کا شہری ہے، اُس کی والدہ عیسائی اور ریاست کی شہری ہو اور اُس شخص کا والد مسلمان لیکن ریاست کا شہری نہ ہو، ایسی حالت میں وہ عیسائی والدہ بیٹے کی طرف سے نفقہ پانے کی حقدار ہو گی جبکہ والد کو نفقہ کا حق نہیں ہو گا۔ اگر ماں نفقہ کا مطالبہ کرتی ہے تو قاضی اس کے حق میں فیصلہ دے گا کیونکہ وہ اپنے بیٹے کی طرح ریاستِ اسلامی کی شہری ہے جبکہ اس کے والدہ کی جانب سے نفقہ کی درخواست کو قاضی اس بناء پر مسترد کر دے گا کہ وہ ریاست کا شہری نہیں ہے۔ یہاں قاضی کے فیصلے میں یہ بات ملحوظ ہے کہ جو جماعت احکام اسلام کے تابع ہے وہ ریاست کے شہری ہیں۔ لہٰذا عوام کی ریاستِ اسلام سے تابعداری کا وصف اُنہیں ایک جماعت کا حصہ بناتی ہے جو دار الاسلام کے شہری ہوتے ہیں اور جن کے معاملات اسلام کے احکام کے تحت منظم کئے جاتے ہیں۔
رعایا کے معاملات کی نگہداشت اور اُن پر حکومت کرنے کے لحاظ سے ریاستِ اسلامی کا یہ موقف ہوتا ہے، رہی بات اسلام کے احکام کے لحاظ سے ریاست کا موقف کی تو یہ تشریعی یا قانونی زاویہ سے ہوتا ہے نہ کہ روحانی نقطۂ نظر سے۔ کیونکہ اسلام اُس نظام کو جو عوام پر نافذ ہو رہا ہو، تشریعی یا قانونی نظریہ سے دیکھتا ہے نہ کہ مذہبی یا روحانی اعتبار سے، بالفاظِ دیگر حکومت ایک تشریعی معاملہ ہے نہ کہ روحانی معاملہ۔ کیونکہ نصوصِ شرع مسائل کے حل کرنے کی غرض سے نازل ہوئے ہے اور شارع(اللہ ) کا منشاء یہ ہے کہ اُس کے نازل کردہ نصوص کے معانی کا اتباع کیا جائے نہ کہ محض نصوص کے الفاظ پر وقوف کر لیا جائے، لہٰذا احکام کے استنباط میں حکم کی عِلّت قابلِ لحاظ ہوتی ہے، یعنی نصوص سے احکام اخذ کرنے میں اُن کے تشریعی پہلو زیرِ غور ہوتے ہیں۔ خلیفہ جب ایسے ماخوذ ماخوذ احکام نافذ کرے تو یہ قانون بن جاتے ہیں جن کا نافذ کیا جانا واجب ہو جاتا ہے۔ اس سے یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ ریاستِ اسلامی کے ہر شہری پر شرعی احکام کی تابعداری مطلق اور قطعی معاملہ ہے۔ پس جو لوگ اس عقیدے کے ماننے والے یعنی مسلمان ہوں گے، وہ اپنے اس اعتقاد کے باعث ان احکام کے پابند ہوں گے کیونکہ عقیدے کو مان لینے کا مطلب اس سے مستنبط ہر حکم کو ماننا ہوتا ہے اور ایک مسلمان کا عقیدہ اسے اس عقیدے سے ماخوذ ہر حکم کا حتمی اور قطعی طور سے پابند بناتا ہے اور ایک مسلمان کے لئے اسلام ایک ایسی شریعت ہے جس میں قانون سازی شامل ہے۔ یعنی ایسا دین جس سے قانون بھی برآمد ہوتے ہیں۔ مسلمان اس بات کے پابند ہیں کہ وہ اسلام کے تمام احکام کا اتباع کریں، خواہ یہ احکام مسلمانوں کے اللہ تعالی ٰ سے تعلق کے اعتبار سے ہوں، یعنی عبادات، یا اپنی ذات سے متعلق ہوں جیسے اخلاق اور مطعومات(غذائ) یا دوسرے انسانوں سے رشتوں کے متعلق ہوں جن میں معاملات اور عقوبات(سزائیں Penal laws-)۔ تمام مسلمان کتاب اللہ اور سنتِ رسولؐ پر جو کہ ادلۂ شرعیہ کے ماخذ ہیں نیز شرعی قواعد اور احکام شرعیہ پر مکمل طور سے متفق ہیں اور کوئی بھی اِن سے ذرا بھی اختلاف نہیں رکھتا۔ البتہ اجتہاد کے حکم کے باعث مسلمانوں میں کتاب اللہ اور سنتِ رسولؐ کا فہم و تصور مختلف ہے۔ قرآن و سنت کے فہم میں اس اختلاف کے سبب مختلف مذاہب(مسلک) اور فرقے ابھرے، کیونکہ خود اسلام ہی نے مسلمانوں کو اجتہاد کا طریقہ بتایا تاکہ وہ احکام مستنبط کر سکیں۔ اس طرح سوچ میں فرق کے باعث عقیدے سے متعلق افکار اور آراء میں اور احکام کے استنباط میں اور خود احکام میں اختلاف پیدا ہوا اور متعدد فرقے اور مذاہب وجود میں آئے۔ حضور اکرمؐ نے خود مسلمانوں کو اجتہاد کی طرف راغب فرمایا اور یہ واضح کر دیا کہ حاکم جب اجتہاد کرے اور اس سے خطا سرزد ہو جائے تو اسے ایک اجر ملتا ہے اور اگر اس کا اجتہاد صحیح ہو تو دو اجر۔ اس طرح اسلام نے اجتہاد کا باب کھول دیا۔ لہٰذا یہ کوئی تعجب کی بات نہیں کہ مختلف فرقے جیسے اہل السنہ، شیعہ اور معتزلہ ابھرے۔ اسی طرح متعدد مذاہب کا ابھرنا جیسے شافعی، مالکی، حنفی، حنبلی، زیدی اور جعفری مذاہب بھی کوئی حیرت کی بات نہیں تھی۔ یہ تمام مذاہب اور فرقے ایک ہی عقیدۂ اسلامی کو ماننے والے تھے۔ یہ تمام مذاہب و فرقے اللہ تعالیٰ کے اوامر کے اتباع، نواہی سے اجتناب کے مخاطب ہیں اور احکام شرعی کو ماننے کے پابند ہیں نہ کہ اپنے مذاہب۔ کیونکہ درحقیقت مذہب یا مسلک کسی شرعی حکم کا ایک مخصوص فہم ہے جس کی ایک ایسا شخص تقلید کرتا ہے جو بذاتِ خود مجتہد نہیں ہے کیونکہ وہ اجتہاد کی استطاعت نہیں رکھتا۔ ایک مسلمان شرعی حکم کا پابند ہوتا ہے نہ کہ مخصوص مسلک کا، اگر ایک شخص مجتہد ہو تو وہ اس حکم کو اپنے اجتہاد سے اخذ کرتا ہے، ورنہ اتباع اور تقلید سے۔
ہر وہ فرقہ اور مسلک جو عقیدۂ اسلام کو مانتا ہے، کتاب اللہ اور سنتِ رسولؐ پر یقین رکھتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ کتاب اللہ اور سنتِ رسولؐ ہی ادلۂ شرعیہ، قواعدِ شرعیہ اور احکام شرعیہ کے ماخذ و مصدر ہیں، ایسا ہر فرقہ اور مسلک مسلم ہے اور اُن پر احکام اسلام ہی نافذ کئے جائیں گے۔ ریاستِ اسلام پر یہ لازم ہے کہ وہ ایسے فرقوں اور مسلکوں سے اعراض نہ کرے جب تک کہ وہ عقیدۂ اسلام کے پابند رہیں، البتہ اگر کوئی شخص یا کوئی فرقہ عقیدۂ اسلام سے خروج کرتا ہے تو یہ ارتداد مانا جائے گا اور اُن افراد یا جماعتوں پر مرتدین کے احکام کا اطلاق ہو گا۔ تمام مسلمان احکام اسلام ہی کے پابند ہوں گے اور اُن پر یہی نافذ ہوں گے، جیسے چور کے ہاتھ کاٹنا، سود کا حرام ہونا، زکوٰۃ کا فرض ہونا، پانچ وقت کی نمازوں کا فرض ہونا وغیرہ جو قطعی ہیں اور جن میں صرف ایک ہی رائے ہے۔ یہ تمام مسلمانوں پر نافذ کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ بعض ایسے احکام اور افکار ہیں جن کے بارے مسلمانوں کے فہم میں فرق ہے اور ہر مجتہد کی رائے دوسرے مجتہد سے جدا ہے، مثال کے طور پر خلیفہ کی صفات، خراج کی زمین پر عشر کا معاملہ، زمین پر کرایہ وغیرہ، ایسے معاملات میں خلیفہ تبنی کرے گا جس کے اتباع کا ہر شخص پابند ہو گا۔ اس وقت جس شخص کی رائے خلیفہ کی تبنی سے مختلف ہو، وہ اس بات کا پابند ہے کہ اپنی رائے ترک کر کے صرف خلیفہ ہی کی رائے کا اتباع کرے، کیونکہ امام کا حکم اختلاف کا ازالہ کرتا ہے اور امام کی اطاعت واجب ہوتی ہے اور مسلمانوں پر یہ فرض ہے کہ وہ خلیفہ کے تبنی کئے ہوئے احکام ظاہری اور باطنی طور پر یعنی علی الاعلان اور خفیہ طور پر نافذ کریں۔ اس کے برخلاف جو کوئی خلیفہ کے تبنی کئے ہوئے حکم شرعی کے علاوہ کسی اور شرعی حکم کو نافذ کرے یا اُس کا حکم دے وہ گنہگار ہو گا۔ اس کا سبب یہ ہے کہ خلیفہ جس حکم کو تبنی یا اختیار کر لیتا ہے وہ ایک مسلمان کے لئے حکم شرعی کی حیثیت تصور کیا جاتا ہے اور اس کے علاوہ حکم مسلمان کے لئے حکم شرعی نہیں کیونکہ ایک معاملہ میں ایک مسلمان کے لئے حکمِ شرعی ایک ہی ہو سکتا ہے۔ خلیفہ البتہ عقائد کے باب میں تبنی نہیں کرتا کیونکہ اس سے مسلمانوں کے عقائد میں خلل یا حرج کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر لوگوں کے عقائد اُن کی خواہشات کے تابع ہونے لگیں اور وہ دین میں نئی نئی باتیں شامل کر کے بدعات میں ملوث ہو جائیں تو حکومت اُن کی نہ صرف سرزنش کرے گی بلکہ مناسب قوانین کے تحت اُن پر روک بھی لگائی جائے گی۔ اور اگر ایسے عقائد اس کے حامل کو کفر تک لے جاتے ہوں تو ایسی صورت میں اُن سے معاملہ مرتدین کا معاملہ ہو گا۔ اسی طرح خلیفہ زکوٰۃ کے علاوہ عبادات کے معاملات میں بھی احکام تبنی نہیں کرتا کیونکہ اس سے بھی مسلمانوں کے معاملات میں حرج ہو گا۔ لہٰذا جب تک لوگوں کے عقائداسلامی ہیں خلیفہ اس باب میں کوئی معین حکم تبنی نہیں کرتا اور نہ ہی سوائے زکوٰۃ، جہاد اور عیدین متعین کرنے کی عبادات کے باب میں مخصوص حکم تبنی کرتا ہے جب تک کہ احکام شرعیہ کے مطابق رہتے ہیں۔ اِن استثناء ات کے ماسوا خلیفہ ہر معاملے میں احکام تبنی کر تا ہے جیسے خرید و فروخت، کرائے داری، نکاح و طلاق، نان و نفقہ، کمپنی سازی و کفالت اور عقوبات میں حدود و تعزیرات(Penal and Criminal law)، نیز، مطعومات(اشیاء خوردنی)، ملبوسات(لباس) اخلاقیات وغیرہ اور ہر مسلمان پر اُن تبنی شدہ احکام کی اطاعت فرض ہوتی ہے۔
خلیفہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عبادات نافذ کرے، چنانچہ نماز اور رمضان کے روزے ترک کرنے والے کو سزا ہو گی اور اسی طرح تمام عبادات کے احکام نافذ کئے جائیں گے جیسے عبادات کے علاوہ دیگر احکام نافذ ہوتے ہیں کیونکہ اِن کا نافذ کرنا حکومتِ اسلامی کا فرض ہے۔ واضح ہے کہ مثلاً نماز کی فرضیت کسی اجتہاد کا موضوع نہیں اور نہ ہی عبادات کے احکام تبنی کرنا ہے بلکہ عبادات کے وہ احکام جو تمام مسلمانوں کے لئے قطعی ہیں، اُنہیں نافذ کرنا ہے۔ جس طرح دیگر احکام پر عقوبات ہوتی ہیں، عبادات کے ترک کرنے پر عقوبات(سزا) ایک شرعی معاملہ ہے جس پر عمل کرنے کے عوام پابند ہوتے ہیں۔ یہ معاملہ تو ہوا مسلمانوں کے ساتھ، اب جو دوسرے شہری ہوں جن کا عقیدہ اسلام نہیں ہے اُن کی مختلف اقسام ہوتی ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں :
۱۔۔۔ ایسے لوگ جو کسی مرتد کی اولاد ہوں اور اُن کی پیدائش باپ کے ارتداد کے بعد ہوئی ہو، اِن کے ساتھ غیر مسلم کا معاملہ ہو گا جو اُن کی موجودہ حالت کی مناسبت سے ہو یعنی اہلِ کتاب یا مشرک کی حیثیت سے۔
۲۔۔۔ ایسے لوگ جو مسلم ہونے کا دعویٰ کرتے ہوں لیکن اُن کے عقائد اسلام کے خلاف ہوں، اِن کا ساتھ مرتدین جیسا سلوک کیا جائے گا۔
۳۔۔۔ اہل کتاب۔
۴۔۔۔ مشرکین جو بتوں کو پوجتے ہوں مثلاً ہندو اور مجوس وغیرہ، اہل کتاب کے علاوہ باقی غیر مسلم۔
آخری کی دونوں اقسام کو اُن کے مخصوص عقائد اور عبادات کی چھوٹ ہو گی، اور اُن کے نکاح و طلاق کے معاملات اُن کے دین کے مطابق طے ہوں گے۔ اُن کے لئے ریاستی عدالتوں میں اُن ہی میں سے قاضی ہو گا جو اُن کے معاملات کے فیصلے کرے گا۔ اُن کی غذاء اور لباس سے متعلق معاملات اُن ہی کے دین کے مطابق شریعت کے دائرے میں طے ہوں گے۔ حضور اکرمؐ کے فرمان کے بموجب اہلِ کتاب کے علاوہ دوسروں کے ساتھ معاملات بھی اہلِ کتاب ہی کی طرح ہوں گے، آپؐ نے مجوس کے بارے میں فرمایا:
((سنوا بھم سنۃ اھل الکتاب))
اُن کے ساتھ وہی معاملہ کرو جو اہلِ کتاب کے ساتھ ہوتا ہے۔
معاملات اور عقوبات کا اطلاق مسلم اور غیر مسلم سب کے لئے یکساں ہو گا۔ جس طرح تعزیرات کا اطلاق غیر مسلوں پر ہو گا اسی طرح مسلمان بھی انہیں تعزیرات کے پابند ہوں گے۔ تمام سزاؤں اور قوانین کا اطلاق مسلمان اور غیر مسلم پر بغیر کسی تفریقِ ملت یا مذہب کے یکساں طور پرکیا جائے گا کیونکہ ہر وہ شخص جو ریاست کا شہری ہو خواہ اس کا عقیدہ کچھ بھی ہو وہ معاملات اور عقوبات میں شریعت اسلامی کا مخاطب ہوتا ہے اور ان کے اتباع اس پر لازم ہوتا ہے، جو کہ شریعتِ اسلامی کی رو سے ایک قانونی معاملہ ہے نہ کہ روحانی۔ لیکن اعتقاد کے معاملہ میں کوئی جبر نہیں ہوتا، اللہ کا فرمان ہے :
(لآَ اِکرَاہَ فِی الدِّینِ)
دین کے بارے میں کوئی زبردستی نہیں۔ (ترجمہ معانی : سورۂ بقرۃ :آیت:۲۵۶)
اللہ کے رسولؐ نے اہلِ کتاب کو اُن کے دین میں جبر یا ستانے سے منع فرمایا ہے، البتہ شرعی احکام کی پابندی حکومت پر فرض ہے چنانچہ اُن کی قانونی حیثیت سے اطاعت ہر ایک پر واجب ہو گی۔
مختصراً یہ کہ ریاستِ اسلامی کی داخلہ پالیسی یہ ہے کہ شریعت کے احکام ہر ایک پر جو اس ریاست کا شہری ہو نافذ کئے جائیں خواہ وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم۔ شرعی قوانین کے نفاذ کی شکل اس طرح ہوتی ہے :
ا۔۔۔ مسلامنوں پر اسلام کے تمام قوانین و احکام نافذ کئے جائیں گے۔
ب۔۔۔ غیر مسلم اپنے عقیدے اور عبادات میں آزاد ہوں گے۔
ج۔۔۔ غیرمسلموں سے مطعومات و ملبوسات کے معاملات ان کے دین کے مطابق نظامِ عام کے دائرے کے ضمن میں آئیں گے۔
د۔۔۔ غیر مسلموں کے نکاح و طلاق کے معاملات اُن کے قاضی اُن کے دین کے مطابق ریاستی عدالتوں میں طے کریں گے نہ کہ اُن کی کسی عدالت میں۔ اس قسم کے معاملات میں اگر مسلمان شامل ہوں تو یہ معاملات شریعتِ اسلامی کے تحت ہوں گے۔
ھ۔۔۔ حکومت شریعتِ اسلامی کے باقی تمام احکامات جن میں معاملات و عقوبات، نظامِ حکومت و نظام اقصاد شامل ہیں پوری طرح ہر فرد پر نافذ کرے گی، اس تنفیذ میں کسی کے مسلم یا غیر مسلم ہونے کا کوئی دخل نہیں ہو گا۔
و۔۔۔ ہر وہ شخص جو ریاستِ اسلامی کا شہریت رکھتا ہو، ریاست پر یہ واجب ہوتا ہے کہ وہ اس کے ہر معاملہ کی نگہداشت کرے خواہ وہ مسلم ہو یا غیر مسلم۔

ریاستِ اسلامی کی سیاستِ خارجہ

ریاستِ اسلامی کی خارجہ سیاست دنیا کے دیگر ممالک و اقوام سے اُس کے تعلقات کا نام ہے، امت کا وہ حصہ جو بیرونِ ریاست ہو اُس کے امور و معاملات کی دیکھ بھال کرنا ہے۔ اسلامی ریاست کی خارجہ پالیسی ایک مستحکم اور دائمی نظریہ پر مبنی ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ اس کا مقصد عالم کے ہر ملک اور ہر قوم میں اسلام کی دعوت کا نشر کرنا ہے، اور اسلامی ریاست کی خارجہ پالیسی اسی بنیاد پر قائم ہوتی ہے اور یہ بنیاد کبھی تبدیل نہیں ہوتی خواہ حکومت کرنے والے اشخاص میں کتنی بھی تبدیلی آتی رہے۔ حضور اکرمؐ کے مدینہ منورہ میں ریاستِ اسلام قائم کرنے سے خلافتِ عثمانی جو کہ آخری خلافت تھی کے، اختتام تک یہی پالیسی جاری رہی اور اس میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا۔ حضور اکرمؐ نے جب مدینہ میں ریاست قائم کی تو اس وقت بھی بیرونی دنیا سے تعلقات کی یہی بنیاد تھی کہ اسلام کی دعوت کو سارے عالم میں پھیلایا جائے۔ آپؐ نے یہود سے معاہدہ اس غرض سے کیا کہ اُن کی جانب سے فارغ ہو سکیں اور حجازؔ میں دعوت کے کام پر توجہ کی جائے۔ پھر قریش سے حدیبیہ میں اس لئے صلح کی کہ حجازؔ سے باہر سارے جزیرہ نمائے عرب میں اسلام کی دعوت دی جا سکے۔ پھر آپؐ نے عرب کے اندر اور باہر بادشاہوں کو اسلام کی دعوت دینے کے لئے خطوط لکھے کہ وہ اسلام کی اطاعت اور تابعداری قبول کر لیں۔ حضور اکرمؐ کے بعد خلفائے راشدین نے بھی بیرونی دنیا سے اسی بنیاد پر رشتے بنائے کہ اسلام کی دعوت کو فروغ ہو۔ نئی فتوحات کرنے اور دعوت اسلام کے نشر کرنے میں حاکم ایک دوسرے سے مختلف رہے، مثلاً اموی خلفاء نے فتوحات اور نشرِ دعوت میں عباسی خلفاء سے بڑھ چڑھ کر کامیابی حاصل کی اور عثمانی خلفاء نے مملوک خلفاء پر اس معاملے میں سبقت حاصل کی۔ اِن کامیابیوں میں جو فرق رہا وہ در حقیقت اس وجہ سے ہوا کہ کس حاکم کے لئے فتوحات کی ترجیحات تھیں، لیکن اس سے قطع نظر ہر حاکم کے لئے بیرونی ممالک سے تعلقات کی بنیاد ہمیشہ نشرِ دعوت ہی رہی اور اس معاملہ میں ہر خلیفہ کا نقطۂ نظر یکساں رہا، کیونکہ ریاستِ اسلامی کا وجود ہی اس غرض سے ہوتا ہے کہ اسلام کو داخلی طور پر مکمل نافذ کیا جائے اور خارجی طور پر اس کی دعوت سارے عالم تک پہنچائی جائے۔ لہٰذا اسلامی ریاست کا خارجی نصب العین(Mission) دعوتِ اسلامی کا ساری دنیا میں پہنچانا ہے۔ اس نصب العین کی بنیاد فی الحقیقت حضور اقدس اکا تمام انسانیت کے لئے مبعوث ہونا ہے، اللہ نے فرمایا:
(وَمَآ اَرسَلنٰکَ اِلَّا کَآفَّۃً لِّلنَّاسِ بَشِیراً وَّ نَذِیراً)
ہم نے آپؐ کو تمام لوگوں کے لئے خوشخبریاں سنانے والا اور دھمکا دینے والا بنا کر بھیجا ہے۔
(ترجمہ معانی : سورۂ سبا :آیت:۲۸)
(یَٰٓاَ یُّھَا النَّاس قَد جَآءَ تکُم مَّوعِظَۃٌ مِّن رَّبِّکُم)
اے لوگو!تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک ایسی چیز آئی ہے جو نصیحت ہے
(ترجمہ معانی : سورۂ یونس :آیت:۵۷)
(قُل یٰٓاَ یُّھَا النَّاس اِنِّی رَسُول اللّٰہِ اِلَیکُم جَمِیعَا)
آپ کہہ دیجئے کہ اے لوگو! میں تم سب کی طرف اس اللہ تعالیٰ کا بھیجا ہوا ہوں۔
(ترجمہ معانی : سورۂ اعراف :آیت:۱۵۸)
(وَاُوحِیَ اِلَیَّ ھٰذا القُراٰن لِاُنذِرَکُم بِہٖ وَمَنم بَلَغَ ط)
اور میرے پاس یہ قرآن بہ طور وحی کے بھیجا گیا ہے تاکہ میں اس قرآن کے ذریعہ سے تم کو اور جس جس کو یہ قرآن پہنچے ان سب کو ڈراؤں۔ (ترجمہ معانی : سورۂ انعام :آیت:۱۹)
( یٰٓاَ یُّھَا الرَّسُول بَلِّغ مَآ اُنزِلَ اِلَیکَ مِن رَّبِّکَ ط وَاِن لَّم تَفعَل فَمَا بَلَّغتَ رِسٰلَتَہٗ ط)
اے رسول جو کچھ بھی آپ کی طرف آپ کے رب کی جانب سے نازل کیا گیا ہے، پہنچا دیجئے۔ اگر آپ نے ایسا نہ کیا تو آپ نے اللہ کی رسالت ادا نہیں کی(ترجمہ معانی : سورۂ مائدہ :آیت:۶۷)
حضور اکرمؐ نے اللہ تعالیٰ لے پیغام کی تبلیغ متواتر کی اور جب آپؐ اپنے رفیقِ اعلیٰ سے جا ملے تو اُس وقت تک آپؐ اس کام میں مشغول رہے۔ لہٰذا اس دعوت کی تبلیغ آپؐ سے استمراراً ثابت ہوتی ہے، اور بعد میں مسلمان بھی اس پر قائم رہے اور تبلیغ دین جاری رہی۔ حضور اکرمؐ نے حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا:
((لیبلغ الشاھد الغائب، فرب مبلغ اوعیٰ من سامع))
جو یہاں موجود ہے وہ اُس تک پہنچا دے جو موجود نہیں ہے، ممکن ہے وہ اس سننے والے سے زیادہ ہوشمند ہو۔
آپؐ نے پھر فرمایا:
((نصّر اللہ امرئَ اً سمع مقالتی فوعاھا ثم أداھا إلی من لم یسمعھا))
اللہ اُس کو کامیاب فرمائے جو میری بات سنے پھر سمجھ کر اُس تک پہنچائے جس نے نہ سنی ہو۔
اس طرح دعوتِ اسلام کا تمام ممالک کو اور تمام قوموں کو پہنچانا، خود حضور اکرمؐ اور پھر آپؐ کے بعد خلفائے راشدینؓ کے دور میں ریاستِ اسلامی کے خارجی رابطوں کی اساس اور بنیاد رہا ہے اور یہ حکم شرعی ہے، جو اللہ تعالیٰ کی کتاب، اللہ کے رسولؐ کی سنت اور صحابۂ کرامؓ کے اجماع سے ثابت ہے۔ لہٰذا اسلامی ریاست کی خارجہ سیاست کی بنیاد دعوتِ اسلام کا پہنچانا ہے۔
اس بات سے قطع نظر کہ حکام بدلتے رہیں ریاستِ اسلام کی اس خارجہ پالیسی کا نفاذ ہمیشہ یکسوئی سے جاری رہتا ہے اور حضور اکرمؐ کے وقت سے خلافت کے آخری وقت تک یہ بغیر کسی تغیر کے اسی طرح جاری رہا۔ حضور اکرمؐ نے مدینہ میں ریاست قائم کرتے ہی فوج کی تشکیل شروع کی تاکہ جہاد کے ذریعے دعوتِاسلام کی راہ میں حائل کسی بھی مادی رکاوٹ کا ازالہ کیا جا سکے۔ حضور اکرمؐ اسی پر قائم رہے، آپؐ نے قریش کو اس راہ سے زائل کیا اور اسی طرح دیگر طاقتوں کو بھی جو دعوت کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے تھے، یہاں تک کہ مکمل جزیرہ نمائے عرب اسلام کی تابعداری میں آ گیا۔ اس کے بعد ریاست نے دوسری قوموں اور ممالک کے دروازوں پر دستک دی لیکن اُن سب کا معاملہ یہ تھا کہ وہاں پر حاکم نظام اس دعوت کی راہ میں حائل تھے جن کا ازالہ کیا جانا دعوت کے فروغ کے لئے ناگزیر تھا، چنانچہ یہی کیا گیا تاکہ براہِ راست عوام سے رجوع کیا جائے اور وہ خود اسلام کی بھلائیوں کو دیکھیں، اس کے بہتر عدل و انصاف کو محسوس کریں اور اس کے سائے میں چین وسکون، ترقی اور خوشحالی سے رہ سکیں جس میں کسی قسم کا جبر و استبداد نہیں ہے۔ جہاد دعوتِ اسلام کے فروغ کا طریقۂ کار رہا اور نئے ممالک کی فتوحات کا راستہ صاف کرتا رہا، کروڑوں کی تعداد میں لوگوں نے دین قبول کیا اور اس کی حکومت کے تابعدار ہوئے۔ اپنی خارجہ سیاست کو نافذ کرنے کے لئے ریاستِ اسلامی نے بلا کسی تغیر کے جہاد ہی کو وسیلہ بنائے رکھا۔ جہاد اسلام کی راہ میں دعوت اور اللہ کے راستے میں قتال ہے خواہ ہے براہِ راست ہو یا مالی، اپنی آراء یا اس کی ترغیب کے لئے کتب و رسالوں کی نشر وغیرہ کے ذریعے سے۔ جہاد مسلمانوں پر فرض ہے اور اس کی فرضیت قرآن اور سنتِ رسولؐ سے قطعاً ثابت ہے۔ مسلمانوں نے جہاد میں کبھی حملہ کرنے میں پہل نہیں کی، تاوقتیکہ دشمن کو اسلام قبول کرنے کی دعوت نہ دی ہو اور اگر وہ اسے تسلیم نہ کریں تو جزیہ کی پیشکش کی۔ جہاد میں شریعت کا حکم یہی ہے کہ جب کفار کی گھیرا بندی ہو جائے تو اُنہیں اسلام کی دعوت پیش کی جائے، اگر وہ اسے قبول کر لیں تو وہ امتِ مسلمہ کا جزو بن جاتے ہیں اور اب اُن سے قتال حرام ہو گا۔ اگر وہ اسلام کی دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیں تو اُن سے جزیہ کا مطالبہ ہو گا، اگر وہ ادا کر دیں تو اُن کی جان و مال محفوظ ہو جاتے ہیں اور اُن کا ملک دار الاسلام بن جاتا ہے جس پر اسلام کی حکومت ہو گی۔ اب عدل و انصاف کے معاملے میں اُن کے حقوق مسلمانوں ہی کی طرح ہوں گے، اُن کی حفاظت اور اُن کے معاملات کی دیکھ بھال مسلمانوں کے معاملات ہی کی طرح ہو گی اور اُن کی زندگی کے تمام معاملات کی ضمانت ہو گی۔ ریاست اور نظام سے اُن کی تابعداری عین مسلمانوں ہی کی ہو گی۔ لیکن اگر وہ اسلام کی دعوت قبول نہیں کرتے اور جزیہ ادا کرنے سے بھی انکار کر دیتے ہیں تو پھر اُن سے قتال جائز ہو جاتا ہے۔ لہٰذا قتال جائز ہونے کے لئے کسی ملک کے باشندوں پر اسلام کی دعوت کا پہنچا دیا جانا شرط ہے، بلکہ فقہاء نے لکھا ہے کہ ہمارے لئے کسی ایسے سے قتال کرنا حلال نہیں جسے اسلام کی دعوت نہ دی جا چکی ہو۔ چنانچہ قتال سے پہلے یہ لازم ہے کہ اُس ملک میں عوام کی رائے عامہ سے خطاب کیا جائے، اسلام کی جھلک موٹے طور پرہی سہی واضح کی جائے، رائے عامہ اسلام کے حق میں ہموار کی جائے، وہاں کے باشندوں کو اسلام کی صحیح تصویر پیش کی جائے، یہ کوشش کی جائے کہ عوام تک اسلام کے احکام پہنچیں، تاکہ وہ یہ محسوس کر سکیں کہ اسلام اُنہیں اُن پر چھائی ظلمتوں سے نجات دلاتا ہے۔ حکومتِ اسلام پر یہ واجب ہے کہ وہ ایسے سیاسی اقدامات کرے جن سے وہاں کے عوام کو اسلام کی واضح معلومات فراہم ہو، اس کے افکار کو فروغ ہو، اور ان افکار کی تشہیر ہو۔ اس میں ریاستِ اسلام کی طاقت و قوت کا مظاہرہ بھی ہواورمسلمانوں کی دلیری و جانبازی بھی جھلکے۔ خود حضور اقدسؐ کا عمل یہی تھا کہ وہ عین شرک کے گہوارے میں اسلام کی تشہیر کے لئے اقدام کرتے، آپؐ نے چالیس افراد کو اسلام کی تشہیر کے لئے نجدؔ بھیجا تھا، اسی طرح آپؐ اسلامی فوج کی قوت کا مظاہرہ بھی کرواتے جیسے آپؐ نے غزوۂ تبوک پر روانگی سے قبل گوج کو مدینہ میں گشت کروایا تھا اور اسی لئے اس موقع پر فرمایا تھا:
((نصرت بالرعب من مصیرۃ الشھر))
ایک مہینہ کی مسافت کے فاصلے سے دشمن پر رعب پیدا کر کے کامیابی حاصل کی۔
مسلمان نے فوج ہر زمانے میں دشمن کو دہلا دیتی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ اہلِ یوروپ کو اس بات کا یقین تھا کہ مسلمان فوج کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی اور اُن کا یہ نظریہ صدیوں تک اُن پر چھایا رہا۔ لہٰذا ایسے سیاسی اقدامات کرنا لازمی ہے جن سے اسلام کے افکار کو فروغ ہو، ریاست کی قوت کا مظاہرہ ہو اور پھر قتال کیا جائے۔ چنانچہ گو کہ جہاد نشرِ دعوت کا ایسا طریقہ ہے جس میں کبھی کوئی رد و بدل نہیں ہوا یہ بھی ناگزیر ہے کہ قتال سے قبل کے تمام سیاسی اقدامات کئے جائیں۔ ایسے بنیادی اقدامات ریاستِ اسلامی کے دوسرے ممالک سے رابطوں کی اساس ہوتے ہیں جنمیں اقتصادی تعلقات، بہتر پڑوسی کے رشتے وغیرہ شامل ہیں جن سے اسلام کی دعوت دینے میں مدد ملے۔
لہٰذا وہ سیاسی فکر جس کی بنیاد پر اسلامی ریاست دیگر ممالک اور قوموں سے رابطے رکھتی ہے وہ یہی اسلام کی دعوت کا پُہنچانا ہے جس کا طریقہ جہاد ہے۔ البتہ ریاستِاسلامی اس کے لئے مخصوص منصوبے اور اسلوب متعین کرتی ہے اور وسائل مہیا کرتی ہے۔ مثلاً ریاستِاسلامی اپنے کچھ دشمنوں سے بہتر پڑوس کے رشتے استوار کرنے کے لئے محدود مدت کے معاہدات طے کرتی ہے اور بعض دوسروں سے قتال کرتی ہے، جیسا کہ حضورؐ نے مدینہ آتے ہی کیا، یا تمام دشمنوں سے بیک وقت ہی مقابلہ کر سکتی ہے جیسا کہ حضرت ابو بکر ؓ نے کیا کہ ایک ہی وقت عراق اور شام دونوں کے لئے فوجیں روانہ کیں۔ یا معینہ مدت کے معاہدے کرے جس سے رائے عامہ اسلام کے حق میں استوار ہو سکے جیسا کہ آپؐ نے صلح حدیبیہ میں کیا۔ ریاستِ اسلامی کے لئے ایک وسیلہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ مقامی طور پر کچھ جھڑپیں کرے جس سے دشمن دہشت زدہ ہو جائے جیسا کہ حضور اکرمؐ نے جنگِ بدرؔ سے پہلے فوجی مہمات بھیج کر کیا تھا، یا جس طرح اموی خلافت کے دور میں رومی سلطنت کے خلاف موسم سرما اور موسم گرما میں اُن کی سرحدوں پر کیا تھا۔
اسی طرح کا معاملہ تجارتی تعلقات میں بھی دعوت کی مصلحت کے مطابق بعض ممالک سے تجارتی معاہدات کر کے اور بعض دوسروں سے معاہدات کئے بغیر کیا جا سکتا ہے کہ کچھ ممالک سے رشتے بڑھائے جائیں اور بعض دوسروں سے نہ بڑھائے جائیں، اور یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ دعوت پہنچانے کے لئے کیا منصوبہ اختیار کیا گیا ہے۔ حکومت یہ بھی کر سکتی ہے کہ بعض ممالک کے ساتھ دعوت نشر کرنے میں تشہیر کا سہارا لے اور بعض دوسرے دشمن ممالک کی خفیہ سازشوں کو بے نقاب کرے یا اُن سے سرد جنگ چھیڑ دے۔ اس طرح ریاست مختلف وسائل و مختلف انواع کے حربے استعمال کر سکتی ہے جو دعوت کے فروغ میں موزوں اور معاون ہو۔ منصوبے اور اسلوب خارجی سیاست میں اسی طرح اہم ہوتے ہیں جس طرح دشمن ممالک کے عوام کی اسلام اور اسلامی ریاست کے تئیں رائے عامہ ہوتی ہے۔ یہ تمام وسائل، اسالیب اور منصوبے دعوت کی نشر کے لئے ہیں جس کا طریقہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد ہے۔

اسلامی فتوحات سے مقصود اسلام کی تبلیغ ہے

جب تک امتِ مسلمہ اس بات کی مکلف تھی کہ اسلام کی دعوت کو تمام لوگوں تک پہنچایا جائے، تو مسلمانوں پر اس مقصد کے حصول کے لئے یہ لازم تھا کہ وہ سارے عالم سے رابطے میں رہیں۔ اسی طرح ریاست پر یہ لازم تھا کہ وہ رابطے استوار کرے اور دعوت کو نشر کرے اور وہ اقدامات کرے جو اسلام نے اس مقصد کے لئے مقرر کئے ہیں۔ لہٰذا یہ طے شدہ اور حتمی ہوا کہ اسلامی حکومت ممالک کو فتح کرے۔ ان فتوحات کا مقصداس سوا اور کچھ نہیں کہ مسلمانوں پر جو واجب ہے اس کا نفاذ ہو یعنی لوگوں میں اسلام کی تبلیغ اس طرح کی جائے کہ اُن پر دین پوری طرح واضح اور صریح ہو جائے بالفاظ دیگر اُن پر احکامِ اسلام کا نفاذ کرنا اور اُن میں اسلام کے افکار و احساسات کو نشر کرنا۔ ان ممالک کو فتح کرنے کا مقصد اُنہیں اپنی نوآبادیات بنا لینا، اُن کا استحصال کرنا یا وہاں کے قدرتی وسائل و ذخائر پر قبضہ کرنا نہیں ہوتا، بلکہ دعوت اسلام کو اُن تک پہنچانا مقصود ہوتا ہے، تاکہ اُنہیں اُن کی مشکلات اور فاسد نظام سے چھٹکارا ملے۔ یہ حقیقت ریاستِ اسلام کے قائم ہونے، فتوحات کے عمل اور جہاد کی فرضیت سے ظاہر ہے۔
اسلامی ریاست نہایت قوی اور مستحکم اساس پر قائم تھی، اس میں وسعت اور ترقی ہوئی، پھیلاؤ اور فتوحات ہوئیں، یہ ایک عالمی ریاست کی جانب گامزن رہی نہ کہ ایک محدود مقامی ریاست کی طرح سمٹی ہوئی رہی، کیونکہ اس ریاست کا عقیدہ ایک عالمگیر عقیدہ تھا جو کہ تمام انسانوں کے لئے ہے، اس کا نظام عالمگیر نوعیت کا ہے جو تمام انسانیت کے لئے ہے لہٰذا اس ریاست کا عالمی ریاست ہونا اور فتوحات کا جاری رہنا فطری امر تھا۔ اس ریاست کے وجود کے لئے ایسا ہونا حتمی اور ناگزیر ہے۔ حضور اکرمؐ پر عقبہؔ کے مقام پر مسلمان بیعت کرتے ہیں، یہ بیعت خود آپؐ کے ساتھ کسی سے بھی لڑ مرنے کی بیعت ہے، خواہ اس میں اُن کے مال و دولت تباہ ہو جائیں یا اُن کے شرفاء ہلاک ہو جائیں، اُنہوں نے بیعت کی کہ وہ اپنی خوشحالی میں اپنی تنگدستی سنیں گے اور اطاعت کریں گے، ہر وقت صرف حق کی حمایت کریں گے اور اللہ کے راستے میں کسی سے ذرّہ برابر خوفزدہ نہیں ہوں گے، انہوں نے بیعت کی کہ وہ اپنی موت تک اسلامی دعوت کی حمایت میں مکمل اطاعت و فرمانبرداری سے لڑتے رہیں گے، اور اس کے عوض اُن سے صرف اور صرف جنت کا وعدہ تھا۔ یہ اسلامی لشکر کے وہ سابقون الاولون تھے جنہوں نے اسلام کے پیغام کو نشر کرنے کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ فکر کا موضوع یہ ہے کہ اس لشکر نے ایسی بیعت کیوں دی، اس لشکر کو تشکیل دینے کا کیا مقصد تھا؟ان کا مقصد اسلام کے پیغام کو نشر کرنے کے سوا اور کچھ بھی نہیں تھا، یہی وہ مقصد اور مِشن تھا جس کی خاطر یہ لشکر بنا، انہوں نے بیعت دی اور اپنی موت تک اللہ کی راہ میں لڑنے کو تیار ہوئے۔
اللہ کے رسولؐ نے خود اپنی وفات سے قبل ان فتوحات کا منصوبہ تیار کر لیا تھا، آپؐ نے تمام جزیرہ نمائے عرب پر محیط اسلامی ریاست کے قائم ہونے کے بعد ہجرت کے ساتویں سال روم ؔ کے قیصرؔ، فارسؔ کے کسریٰؔ اور دیگر بادشاہوں کو خطوط لکھے جن میں اُنہیں اسلام کی دعوت دی، مؤتہؔ اور تبوک ؔ میں معرکہ آرائیاں کیں اور حضرت اسامہؔؓ کا لشکر تیار کیا۔ آپؐ کے بعد خلفائے راشدین نے اس سلسلے کو جاری رکھا اور شروعات اُن ممالک کی فتح سے کی جن کو اللہ کے رسولؐ نے مخاطب فرمایا تھا۔ اس کے بعد بھی یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا۔ اِن فتوحات میں کسی ملک کیے قدرتی وسائل، مال و دولت اور اُس کو فتح کرنے میں آسانی یا مشکلات پیش نظر نہیں ہوتیں، مثلاً مصرؔ قدرتی وسائل کے اعتبار سے خوشحال تھا اور اسے فتح کرنا نسبتاً آسان، اس کے برعکس افریقہ کا شمالی علاقہ اِن قدرتی وسائل کے لحاظ سے خالی تھا، اس کے صحراء کے سبب اس کا فتح کرنا دشوار تھا اور وہاں اسلام کی دعوت لوگوں تک پہنچانا بہت مشکل، لیکن مصرؔ اور شمالیؔ افریقہ کے درمیان اِس قسم کے فرق لشکرِ اسلامی کے مدِّ نظر نہیں رہے، اس لشکر کے سامنے تو بس ایک ہی مقصد تھا کہ اسلام کی دعوت تمام لوگوں تک پہنچائی جائے، وہ چاہے فقیر ہوں یا اصحابِ ثروت، اُن کا فتح کرنا آسان ہو یا وہاں کے لوگ مزاحمت کریں، کیونکہ دعوت اسلام اس بات سے متاثر نہیں ہوتی کہ کسی جگہ لوگ فقیر ہیں یا غنی، وہ لوگ اسے قبول کرتے ہیں یا ردّ، یہاں تو بس ایک ہی چیز قابلِ لحاظ ہے کہ دعوت پہنچائی جائے، اسے ایک فکری قیادت کا مقام حاصل ہو جس سے ایک نظامِ زندگی ماخوذ ہو اور یہ تمام عالم میں تمام لوگوں تک پہنچائی جائے۔
قرآن کریم میں اللہ نے قتال کے اسباب اور جہاد کی فرضیت بیان فرمائی ہے اور یہ واضح کر دیا کہ جہاد صرف اسلام کی راہ میں اُس کی دعوت پہنچانے کے لئے ہی کیا جا نا ہے۔ متعدد آیات وارد ہوئیں ہیں جن میں جہاد کو صرف اسلام کے لئے بتایا ہے :
(وَقَاتِلُوھُم حَتّیٰ لَا تَکُونَ فِتنَۃٌ وَّ یَکُونَ الدِّین کُلُّہ، لِلّٰہِ ج)
اور تم ان سے اس حد تک لڑو کہ ان میں فساد عقیدہ نہ رہے اور دین اللہ ہی کا ہو جائے
(ترجمہ معانی : سورۂ انفال :آیت:۳۹)
اور سورہ بقرہ میں فرمایا:
(وَقَاتِلُوھُم حَتّیٰ لَا تَکُونَ فِتنَۃٌ وَّ یَکُونَ الدِّین کُلُّہ، لِلّٰہ ط فَاِنِ انتَھُوا فَلَا عُدوَانَ اِلَّا عَلَی الظّٰلِمِینَ)
ان سے لڑو جب تک کہ فتنہ نہ مٹ جائے اور اللہ کا دین غالب نہ آ جائے، اگر یہ رک جائیں (تو تم بھی رک جاؤ) زیادتی تو صرف ظالموں پر ہی ہے۔ (ترجمہ معانی : سورۂ بقرۃ :آیت:۱۹۳)
(وَقَاتِلُوا الَّذِینَ لَا یُومِنُونَ بِاللّٰہِ وَلَا بِالیَومِ الاٰخِرِ وَلَا یُحَرِّمُونَ مَا حَرَّمَ اللّٰہ وَرَسُولُہ، وَلَا یَدِینُونَ دِینَ الحَقِّ مِنَ الَّذِینَ اُوتُوا الکِتٰبَ حَتّیٰ یُعطُوا الجِزیَۃَ عَن یَّدٍ وَّھُم صَاغِرُونَ )
ان لوگوں سے لڑو جو اللہ پر اور قیامت کے دن پر ایمان نہیں لاتے جو اللہ اور اس کے رسول کی حرام کردہ شئے کو حرام نہیں جانتے، نہ دینِ حق کو قبول کرتے ہیں ان لوگوں میں سے جنہیں کتاب دی گئی ہے، یہاں تک کہ وہ ذلیل و خوار ہو کر اپنے ہاتھ سے جزیہ ادا کریں۔ (ترجمہ معانی : سورۂ بقرۃ :آیت:۱۹۳)
یہی وہ آیات جن میں جہاد کا حکم آیا ہے اور مسلمانوں کے لئے اس کا مقصد متعین کر دیا گیا ہے۔
اسلام کی دعوت ہی درحقیقت وہ مقصد اور غایت ہے جس کے لئے ریاستِ اسلامی قائم ہوئی، فوج تیار کی گئی اور جہاد فرض کیا گیا۔ یہی دعوت تمام فتوحات کا سبب تھی اور اسی دعوتِ اسلام کے ذریعے ہی مسلمان اپنی ریاست دوبارہ بنا سکیں گے۔

فتوحات اسلامی میں استحکام

مسلمانوں نے ممالک فتح کئے اور اسلام سے اُن کی حکومت سنبھالی۔ مسلمانوں پر یہی فرض کیا گیا ہے کہ وہ حکومت سنبھالیں اور قیادت کریں، یہ جائز نہیں کہ اُن پر غیر مسلم حاکم بنیں، اللہ نے سورۂ نسا ء میں فرمایا:
(وَلَنیَّجعَلَ اللّٰہ لِلکٰفِرِینَ عَلَی المُوئ مِنِینَ سَبِیلاً)
اور اللہ تعالیٰ کافروں کو ایمان والوں پر ہرگز راہ نہ دے گا۔ (ترجمہ معانی : سورۂ نساء :آیت:۱۴۱)
اور عزت کو مسلمانوں کے لئے خاص کیا ہے، سورۂ منافقون میں ارشاد باری تعالیٰ ہے :
(ولِلّٰہِ العِزَّۃ وَلِرَسُولِہٖ وَلِلمُوء مِنِینَ وَلٰکِنَّ المُنٰفِقِینَ لَا یَعلَمُونَ )
سنو ! عزت تو صرف اللہ تعالیٰ کے لئے اور اس کے رسول کے لئے اور ایمان داروں کے لئے ہے لیکن یہ منافق جانتے نہیں۔
(ترجمہ معانی : سورۂ منافقون :آیت:۸ )
لیکن یہ عزت اور حکومت مسلمانوں کا مقدر اسی وقت بنی جب کہ مسلمانوں کی نفسیت اسلامی بن گئی اس سے حکومت و اقتدار اُن کے لئے محض شوق و شہوت نہ رہا بلکہ مسلمان اسے اسلام کے احکام نافذ کرنے اور اس کی دعوت نشر کرنے کا ذریعہ سمجھنے لگے اور جب اُن کی ذہنیت ایسی ہو گئی کہ حکومت کے معنوں اور مقاصد کا فہم اور عند اللہ اس جوابدہی کا ادراک و احساس ہو گیا۔ حکام کے اعمال اور اُن کے اقوال سے اسلام کی روشنی ٹپکتی تھی اور یہ روشنی احکامِ اسلام کے نفاذ سے عیاں جن کو حکام عوام پر منطبق کرتے تھے۔ نتیجتاً وہ لوگ جن پر اسلام کے احکام نافذ ہو رہے تھے وہ بھی اس عقیدے کے ماننے والے مسلمان بن گئے اور فوج در فوج اسلام میں داخل ہوئے۔ اب اُن کے لئے بھی وہی عزت تھی اور اقتدار اور حکومت میں وہ شریک تھے اور اُن کے وطن دار الاسلام بن گئے تھے۔ اسلامی احکام کے نفاذسے اور پھر عوام کے اسلام کے اسلام میں فوج در فوج داخل ہونے سے اِن فتوحات کو مستحکم بنایا گیا۔ اب یہ لوگ تا قیامت تک کے لئے اسلام میں داخل ہو گئے تھے اور یہ لوگ اور اِن کے وطن اپنی سابقہ حالتِ کفر میں مسلمان اور دار الاسلام بن گئے تھے۔ یہ اس وقت تک دار الاسلام ہی رہے جب تک اِن پر اسلام سے حکومت ہوتی رہی، پھر جب اِن ممالک سے اسلامی حکومت ختم ہو گئی تب بھی یہ لوگ مسلمان ہی رہے اور اِن کے ممالک مسلم ممالک ہی رہے۔ آج بھی اِن ممالک میں اسلامی حکومت پھر لوٹ آئے اور اِن علاقوں کے طول و عرض میں پھر اقتدار سنبھالے۔
متعدد امور کے باعث اسلام کے اقتدار کواستحکام ملا اور اِن ممالک میں اسلام پائدار بنا، ان میں اسلام کی قانون سازی یا تشریع ہے، اور جس چیز سے متاثر ہو کر یہ لوگ اسلام میں داخل ہوئے وہ حکومت کے حسن اسلوب اور حکام کا اُن سے رویہ بھی تھا جس کے باعث اسلام نے اِن کے دلوں میں گھر کر لیا اور یہ اسلامی عقیدے اور اس کے احکام کے تابع ہو گئے۔ ان امور کے کئی نکات ہیں مثلاً:
۱۔۔۔ اسلام کا عقیدہ عقلی ہے اس کے احکام و افکار فکری ہیں۔ لہٰذا اسلام اپنے ماننے والوں کے لئے یہ لازم کرتا ہے کہ وہ اس کے عقیدے پر اپنی عقل سے ایمان لائیں اور احکام کا اپنی عقل و فہم سے ادراک کریں۔ لہٰذا اسلام پر اس طرح ایمان لانے سے ایک انسان صاحبِ فہم و ادراک بن جاتا ہے، جب وہ مخلوق کو دیکھتا ہے تو اسے اُس کے خالق کا ادراک ہوتا ہے، اس میں جستجو ہوتی ہے کہ وہ احکام شرعیہ سے استنباط کرے اور اپنے مسائل حل کرے۔ اس طرح دینِ اسلام اس کے سینے میں راسخ ہو جاتا ہے اور وہ اس کے احکام کو سمجھتا ہے اور اُنہیں منطبق کرتا ہے۔
۲۔۔۔ اسلام اپنے ماننے والوں سے تقاضہ کرتا ہے کہ وہ مطالعہ کرے اور دین سیکھے، دین کے فہم کو حاصل کرنے کے لئے یہ کافی نہیں ہے کہ کلمہ کی دونوں گواہیاں دینے پر اکتفاء کر لے بلکہ یہ ناگزیر ہے کہ وہ علم اور تربیت حاصل کرے جس سے اُس کے اندر شعور اور اسلام کی روشنی پیدا ہو اور اُس کی شخصیت میں وسعت آئے اور اس کا فہم و ادراک بڑھے، پھر وہ اس نور کو دوسروں تک پہنچائے۔
۳۔۔۔ اسلام کا مزاج اور اس کی ماہیت تقاضہ کرتی ہے کہ سیکھنے والا اسلام کو بتدریج سیکھے اور یہ علم اُس پر اور معاشرے پر اثر انداز ہو۔ اسی لئے مسلمانوں نے اسلام کو اس غرض سے سیکھا کہ اُس کے احکام پر عمل پیرا ہوں اور اس کے احکام کو فکری نہج پر سمجھا اور اسی سبب اُن کے جذبات اُس عقیدے سے منسلک و مربوط ہوئے۔ لہٰذا زندگی اور اس کی ذمہ داریوں کے تئیں اُن کے افکار و احساسات اس فعال فکر سے وابستہ ہو گئے۔ اسی سبب مسلمان اسلام میں بے پناہ دلچسپی رکھتے اور یہی اُن کی سوچ کا محور تھا اس سے اُن کی فکر کا معیار بلند اور وسیع ہوا، کیونکہ اُنہوں نے اسلامی افکار و احکام کا گہرائی اور سنجیدگی سے مطالعہ کیا اور اسلام کا عملی پہلو ہی ہمیشہ غالب رہا۔ انہوں نے اسلام کا مطالعہ محض علمی کاوش کے طور پر نہیں کیا، اگر ایسا کیا ہوتا تو وہ کتبِ رواں ہوتے جو معلومات کا صرف ذخیرہ ہوتی ہیں۔ وہ وعظ و تقاریر کی مجالس میں محض سننے بھر کے لئے نہیں بیٹھے، اگر ایسا ہوتا تو اُن کی سوچ نہایت سطحی ہوتی جو حرارتِ ایمانی سے خالی ہوتی، بلکہ انہوں نے اِن دونوں پرخطر را ہوں سے اجتناب کیا یعنی اسلام کو صرف معلومات کے لئے سیکھنا اور سننے بھر کے لئے تقاریر سننا۔ مسلمانوں نے اسلام، اس کے احکام اور مفاہیم سمجھنے کا وہی طریقہ اختیار کیا جو اسلامی اسلوب ہے یعنی اسلام کو گہرائی اور نہایت شفافیت سے اور اس مقصدسے سمجھا جائے کہ اس کے احکام زندگی کے میدانِ عمل میں منطبق کرنا ہے۔
۴۔۔۔ اسلام ارتقائی دین ہے جو اپنے ماننے والے کو بتدریج احسان و کمال کی جانب گامزن رکھتا ہے اور مسلمانپر معین اعمال فرض کرتا ہے جن کی پابندی ایک مسلم کو کمال کی بلندیوں تک لے جاتی ہے جہاں اسے روحانی بلندی و رفعت، نفس کو اطمینان اور حقیقی خوشی کا مشاہدہ ہوتا ہے، اس کو اسی بلند مقام پر ثابت رکھتا ہے جہاں سے وہ پستی کی طرف نہیں لوٹتا۔ ان اونچائیوں تک پہنچنا جس قدر دشوار ہے، اُن بلندیوں پر قائم رہ پانا اس سے بھی زیادہ مشقّت طلب ہے، چنانچہ یہ لازم ہے مسلمان اُن اعمال پر متواتر قائم رہے، یہ اعمال دائمی نوعیت کے ہیں عبوری یا مؤقت پابندی نہیں چاہتے تب ہی انسان حقیقی روحی بلندی اور فرحت حاصل کر سکتا ہے۔
یہ اعمال عبادات ہیں جن میں بعض فرائض ہیں اور کچھ مندوبات یعنی سنت اور مستحب۔ تمام لوگوں کی فرائض پر پابندی، ترقی کے ایک عام معیار کو پہنچاتی ہے جو کہ نہایت ضروری ہے، جبکہ سنتیں اور مستحبات اُسے مقامِ کمال کو پہنچنے کی طرف راغب کرتی ہیں۔
ان عبادات کی پابندی کوئی بہت دشوار گزار یا شاق اور تھکا دینے والا عمل نہیں ہے، نہ ہی اِن پر قائم رہنے کا مطلب دنیا کی لذتوں سے خود کو محروم رکھنا ہے اور نہ دنیوی خوشیوں اور مسرتوں سے اجتناب وپرہیز کرنا ہے۔ اُس میں نہ تو انسانی طبیعت کو کچلنا ہے اور نہ ہی یہ اعمال انسانی طبع کے مخالف ہیں۔ نہیں، بلکہ ان عبادات میں فرائض کی پابندی سہل ہے خواہ کوئی انسان کمزور ہو یا اس کا ارادہ قوی بھی نہ ہو۔ یہ فرائض دنیا کے زیب و زینت سے پرہیز کا نام بھی نہیں ہیں۔ سنن اور نوافل میں مسلمان اپنے شوق و جذبے سے پابندی کرتا ہے، اسے احساس ہوتا ہے کہ فرائض کے علاوہ اِن مندوبات کے ذریعے وہ اللہ کی رضا اور پسندیدگی حاصل کر رہا ہے۔
۵۔۔۔ جب مسلمان کسی ملک کو فتح کرتے تو اس کا مقصد دعوت کو پہنچانا اور اُن لوگوں میں اسلام کو راسخ کرنا ہوتا تھا وہ اپنے اندر رحمت اور ہدایت کے جذبات محسوس کرتے اور اُس ملک پر اسلامی احکام نافذ کرتے تھے۔ وہاں کے لوگوں کا محض ذمی کی حیثیت اختیار کر لینے سے اُن کے حقوق و واجبات مسلمانوں کی طرح ہو جاتے تھے اور اُس ملک کے اختیارات و واجبات بھی اسلامیریاست کے دوسرے علاقوں ہی کی طرح ہو جاتے اور وہ ریاست کا ایک حصہ بن جاتا، کیونکہ ساری ریاست میں حکومت کا نظام ایک ہی متحدہ نظام ہوتا اور وہاں کے لوگ یہ قطعاً محسوس نہ کرتے کہ اُن کے ملک کو استحصال کے لئے نوآبادی(Colony) بنایا گیا ہے بلکہ اس پورے عمل میں کہیں نوآبادیاتی شائبہ بھی نہیں ہوتا۔ یہی وجہ تھی کہ عوام فوج در فوج عقیدۂ اسلامی کے ماننے والے بن جاتے کیونکہ جب اُن پر اسلامی احکام نافذ ہو رہے ہوتے تھے تو وہ اسلام کی عملی شکل اپنے سامنے دیکھتے اور یہی اُن کو اسلام کی جانب ترغیب دیتی تھی۔
۶۔۔۔ اسلام کا عقیدہ اور اس کے احکام تمام انسانوں کے لئے ہے اور یہ جائز ہے کہ تمام لوگوں کو اس کی تعلیم دی جائے، بلکہ اس کی تعلیم دینا فرض ہے تاکہ لوگ اس کی حلاوت سے محظوظ ہوں اور اس کے حقائق کو سمجھیں۔ حضور اکرمؐ والیوں، حکام اور معلمین کو بھیجا کرتے تھے تاکہ وہ اسلامی احکام سے حکومت کریں اور لوگوں کو اسلام سکھائیں۔ آپؐ کے بعد جب مسلمانوں نے ملک فتح کئے تو اُنہوں نے بھی وہی طریقہ اختیار کیا کہ حکام اور معلمین بھیجے جاتے جو لوگوں کو دین کے عقائد اور قرآن کے احکام سکھاتے۔ اس طرح لوگ اسلامی معارف سے روشناس ہوئے اور اُن کی تہذیب اسلامی ہو گئی، یہاں تک کہ اُن لوگوں کی تہذیب جنہوں نے ابھی تک اسلام قبول نہیں کیا تھا وہ بھی اسی تہذیب کا حصہ بن گئے۔
۷۔۔۔ چونکہ اسلامی شریعت سارے عالم کی شریعت ہے اسلئے جب مسلمانوں نے نئے ممالک فتح کئے تو اُنہیں وہاں کے لوگوں کی شریعت یا قوانین سیکھنے کی یا اپنی شریعت کو اُن ممالک کے مقامی قوانین و تشریع کے موافق بنانے کی کبھی ضرورت نہیں پڑی۔ اس کے برعکس وہ فتح کے پہلے دن سے ہی وہاں کے مقامی مسائل کو حل کرنے کے لئے اسلامی احکام ہی نافذ کرتے تھے۔ مسلمانوں کا یہ طریقہ انقلابی طریقہ، اس میں وہ تدریج کا سہارا نہیں لیتے تھے اور نہ ہی واقعِ احوال اس پر اثر انداز ہوتا تھا کیونکہ ممالک تو فتح ہی اس لئے کئے جاتے تھے کہ اُن پر اسلامی احکام نافذ کئے جائیں، اسلام کی تبلیغ کی جائے اور اُن کی زندگیوں کو جو ایک فاسد نظام میں محکوم تھیں اور لوگ ظلمتوں کا شکار تھے، اُن زندگیوں کو اسلام میں ڈھال دیا جائے۔ ایسے مکمل تغیر کا یہی تقاضہ تھا کہ پرانے بوسیدہ نظام کو بالکل پلٹ کر نئے سرے سے اسلام کا مکمل نفاذ کیا جائے۔ اسی لئے مسلمانوں کے لئے یہ آسان تھا کہ وہ اُن ممالک پر حکومت کریں، اُنہیں کبھی کوئی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی اسلام کے نفاذ میں کوئی ایسا مرحلہ پیش آیا جس میں احکام کا نفاذ جزوی طور پر ہوا ہو، کیونکہ وہ ایک دعوت کے علمبردار تھے، اُن کے پاس ایک عقیدہ تھاجس سے زندگی کے نظام مستنبط ہوتے تھے، اُس میں قوانین و احکام تھے، شریعت تھی جو تمام انسانوں کیلئے، ہر زمان اور ہر مکان کے لئے موزوں تھی۔

تمام اقوام کا ایک امت میں اختلاط

جزیرہ نمائے عرب میں جب شرک کا خاتمہ کر دیا گیا اور وہ پورا کا پورا اسلام میں داخل ہو گیا اور اسلام وہاں بحیثیتِ عقیدہ اور بشکلِ نظام وہاں رائج و راسخ ہو گیا اور دار الاسلام بن گیا، اللہ تعالیٰ نے اسلام کو مکمل کر دیا، مسلمانوں پر اپنی نعمت تمام کر دی اور اسلام کو بطور دین پسند کر لیا، حضور اکرمؐ نے پڑوسی ممالک اور قوموں کے بادشاہوں اور حکام کو خطوط لکھ کر اسلام کی دعوت دے دی، رومؔ کی سرحدوں پر تبوکؔ اور مؤتہ کے غزوات ہو چکے، اس کے بعد انحضرت اکی وفات ہوئی۔ آپؐ کے بعد خلفائے راشدینؓ نے فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے عراقؔ فتح کیا جہاں عیسائی، مزدکی اور زوراشتری(آتش پرست) کی مخلوط آبادی تھی، جن میں عرب بھی تھے اور فارسی بھی۔ پھر ایران فتح کیا جہاں عجمی لوگ آباد تھے اور کچھ رومی اور یہود بھی تھے۔ اس کے بعد شام ؔ فتح کیا جو روم کا حصہ تھا اور لوگ رومی ثقافت و تہذیب کے تھے اور مذہباً عیسائی تھے، اِن میں بعض شامی کچھ آرمینیؔ اور کچھ یہودی تھے، نسلاً یہ لوگ عرب اور رومی تھے۔ پھر مصر ؔ فتح ہوا جہاں مصریوں کے ساتھ کچھ یہودی اور رومی آباد تھے۔ اس کے بعد فتوحات کا سلسلہ شمالی افریقہؔ کی طرف ہوا جو رومی اقتدار میں تھا اور بربر ؔ نسل آباد تھی۔ خلفائے راشدین ثکے بعد امویؔ خلافت کا دور آیا جنہوں نے سندھؔ، خوارزمؔ اور سمرقندؔ فتح کئے اور انہیں اسلامی ریاست کا حصہ بنایا، پھر اندلسؔ(Spain) فتح ہو کر اسی ریاست کا حصہ بنا۔ یہ تمام علاقے اپنی قوموں، زبانوں اور مذہبوں کے لحاظ سے، اپنی ثقافت، عادات اور قوانین کے اعتبار سے ایک دوسرے سے مختلف تھے، اُن کی سوچ و فکر اور اُن کا نفسیاتی میلان ایک دوسرے سے جدا تھا۔ لہٰذا اِن مختلف قوموں اور نسلوں کا آپس میں مل کر ایک متحدہ امت میں شامل ہونا جس کا ایک دین، ایک زبان، ایک تہذیب اور ایک ہی قانونی نظام تھا، فی الحقیقت نہایت دشوار اور مشکل عمل تھا جس میں کامیابی حاصل کرنا ایک غیر معمولی اور عظیم الشان بات تھی، جو صرف اسلام کے ذریعے اور اسلامی ریاست ہی میں ممکن ہوا۔ اِن مختلف قوموں نے جب اسلام کو دیکھا، اس کے پرچم تلے آئے اور اُن پر اسلامی احکام نافذ ہوئے تو یہ لوگ مسلمان ہو گئے اور ایک امت یعنی امتِ مسلمہ کا حصہ بن گئے۔ یہ ناقابلِ یقین کارنامہ اسلامی حکومت کے سبب اور اُن کے اس عقیدۂ اسلامی پر ایمان رکھنے کے باعث ممکن ہوا۔ ان مختلف اقوام کا ایک امت میں ڈھل پانا متعدد امور کے باعث ہو پایا جن میں یہ چار نہایت اہم ہیں :
۱۔۔۔ اسلامی تعلیمات و احکام۔
۲۔۔۔ فاتح مسلمانوں کا مفتوح عوام سے رہن سہن اور تمام امورِ حیات میں گہرا ربط اور میل جول۔
۳۔۔۔ مفتوحہ علاقوں کے لوگوں کا اِکٹھا اسلام میں داخل ہو جانا۔
۴۔۔۔ اُن کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی کے باعث جس سے وہ ایک حالت سے دوسری اور بہتر حالت میں آ گئے۔
اسلامی تعلیمات کا تقاضہ یہ ہے کہ لوگوں کو اس کی طرف دعوت دی جائے اور اس کی ہدایت کو جہاں جہاں ممکن ہو عام کیا جائے، جہاد کے ذریعے ملک فتح کئے جائیں تاکہ لوگ اسلامی عقیدے کو سمجھیں اور اس کے احکام اور اُن کی حقیقت کو پرکھ سکیں۔ یہ تعلیمات تقاضہ کرتی ہیں کہ یہ اختیار لوگوں پر چھوڑ دیا جائے کہ وہ پسند کریں تو اس دین کے ماننے والے بن جائیں اور نہ چاہیں تو اُنہیں اپنے ہی مذہب پر رہنے کی آزادی ہو، یہاں تو اُن کے لئے اتنا ہی کافی اور ضروری ہے کہ وہ معاملات (Transactions)اور عقوبات(Penal & Criminal Laws)میں اسلامی احکام کے تابع ہوں تاکہ عوام کے معاملات ایک نظام کے تحت منظم ہو سکیں، اُن میں ہم آہنگی ہو اور ایک ہی نظم میں اُن کے مسائل حل کئے جائیں۔ اس طرح غیر مسلمان یہ محسوس کرتے کہ وہ بھی مسلمانوں کی طرح ایک ہی معاشرے کا حصہ ہیں اور اُن پر یکساں طور سے احکام نافذ ہو رہے ہیں۔ وہ اس نظام میں رہ کر اس کے پر سکون ماحول سے محظوظ ہوں اور پرچمِ اسلامی کے سائے میں آباد رہیں۔
تعلیمات اسلام کا تقاضہ ہے کہ محکوم قوم سے نسلی، مذہبی یا فرقہ بندی سے قطع نظر صرف بحیثیتِانسان سلوک کیا جائے، لہٰذا احکام کا نفاذ ہر ایک پر یکساں ہوتا ہے اور اس میں کسی کے مسلم یا غیر مسلم ہونے کو دخل نہیں ہوتا۔ اللہ کا سورۂ مائدہ میں فرمان ہے :
(وَلَا یَجْرِمَنَّکُمْ شَنَاٰن عَلٰٓی اَلَّا تَعْدِلُوْا ط اِعْدِلُوْا قف ھُوَ اْ قْرَب لِلتَّقْویٰ ز وَاتَّقُوا اللّٰہَ ط اِنَّ اللّٰہَ خَبٍیْرٌم بِمَا تَفْعَلُوْنَ )
کسی قوم کی عداوت تمہیں خلافِ عدل پر آمادہ نہ کر دے، عدل کیا کرو جو پرہیزگاری کے زیادہ قریب ہے اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، یقین مانو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اعمال سے باخبر ہے۔ (ترجمہ معانی : سورۂ مائدہ :آیت:۸)
لہٰذا اسلامی حکومت میں تمام انسان حکومت اور فیصلوں میں یکساں ہیں۔ چنانچہ جب ایک حاکم عوام کے معاملات میں اُن پر حکومت کرتا ہے اور ایک قاضی جب لوگوں کے درمیان فیصلے کرتا ہے تو اُن کی نظر میں وہ اشخاص صرف انسان ہوتے ہیں جن پر احکام نافذ ہونا ہے یا جن کے مابین فیصلے ہونا ہے۔ اسلام کے نظامِ حکومت کا تقاضہ ہے کہ ریاست کے تمام حصوں سے یکساں سلوک ہو، اور ریاست کی ہر ولایت کی ضروریات بیت المال سے پوری کی جائیں، ، خواہ اُس ولایت سے حاصل شدہ محصولات اُس کی ضروریات کے لئے کافی ہو یا نہیں اور چاہے اُس ولایت سے محصول کم آ رہا ہو یا زیادہ۔ اسلام کا تقاضہ ہے کہ ہر ولایت سے ایک متحدہ مالی نظام کے تحت محصولات بیت المال میں جمع ہوں۔ اس طرح یہ مفتوح ممالک ایک ہی ریاست کی ولایات بن جاتی ہیں اور وہ سب کی سب ایک ہی ریاست میں باہم مل جاتی ہیں۔
ان تمام نسلوں اور قوموں کا ایک امت میں پِروئے جانے اور مفتوح قوم کے اسلام قبول کرنے میں سب سے اہم کردار فاتح مسلمانوں کا مفتوح قوم سے میل جول اور رہن سہن تھا۔ مسلمان ممالک فتح کر کے وہیں آباد ہو گئے اور انہوں نے مفتوح قوم کے بیچ اُن ہی کے پڑوس میں خود کو بسالیا اور مفتوح قوم کو اسلامی ثقافت کی تربیت دی۔ اِن ممالک میں اب فاتح اور مفتوح قوم ساتھ ساتھ رہتے تھے، اُن پر ایک ہی نظام نافذ ہوتا تھا اب یہ فاتح اور مفتوح جیسے دو جدا فرقے نہیں تھے، نہ اِن میں ایک غالب اور دوسرا مغلوب تھا۔ زندگی کے تمام معاملات میں یہ مشترک تھے۔ اِن مفتوح قوموں نے ایسے نئے قسم کے حکام پہلے کبھی نہیں دیکھے تھے جن کی نظر میں یہ مفتوح عوام اُن ہی جیسے تھے، وہ حکام جو اِن مفتوح عوام کے معاملات و امور و ضروریات میں اُن کی خدمت کرتے تھے۔ اِن حکام میں اِنہوں نے وہ عالیہ صفات پائیں جن کی توقع کوئی مفتوح قوم نہیں کر سکتی تھی، اِن لوگوں کو اپنے حکام سے اور اُن کے دینِ اسلام سے لگاؤ ہو گیا۔ یہ حکام اور تمام مسلمانوں نے مفتوح عوام کے ساتھ شادی کے رشتے استوار کئے، اُن کے ساتھ اُٹھنا بیٹھنا اور کھانا پینا رکھا اور یہ اختلاط اِن مفتوح عوام کے اسلام میں داخل ہونے کا سب سے بڑا محرک بنا۔ اِن لوگوں نے حکام میں اسلام کی تاثیر پائی اور احکام کے نفاذ میں اسلام کا نور دیکھا اور اس طرح یہ مختلف اور متضاد اقوام ایک دوسرے میں جیسے پروئے گئے اور ایک متحدہ امت میں بندھ گئے۔
پورے کے پورے ملکوں کا اسلام میں داخل ہونا عام نوعیت کا تھا، ہر جگہ کے لوگ فوج در فوج اسلام میں داخل ہو رہے تھے، یہاں تک کہ اُن ملکوں کی ایک بڑی اکثریت اسلام کے دائرے میں آ گئی اب اسلام محض فاتح قوم کا دین نہیں رہ گیا تھا، مفتوح قوم بھی اسی کی ماننے والی بن گئی تھی اور یہ سب مل کر ایک امت بن گئی تھی۔
اب جو لوگ اسلام میں داخل ہوئے تھے، اُن کی زندگیوں میں ایک انقلابی تبدیلی اسلام کی بدولت آئی تھی۔ اسلام نے اپنے ماننے والوں کی فکری سطح کو بلند اور اُن کی سوچ کے معیار کو رفیع کیا۔ اسلامی عقیدہ اُن کی فکر اور سوچ کا معیار اور ترازو (قاعدۃ فکریہ)بن گیا جس پر اُن کے افکار کی بنیاد تھی، اسی قاعدۂ فکری پر وہ لوگ اپنے افکار کو جانچتے تھے، اسی ترازو سے وہ اپنے خیالات کے اچھے یا برے، صحیح اور غلط ہونا طے کرتے تھے۔ اُن کی اس سوچ کے سبب اُن کا ایمان اب محض جذباتی نہیں رہ گیا تھا بلکہ اس میں رفعت و بلندی آئی اور یہ شعوری ایمان بن گیا جس کی شہادت اِن کے دل دیتے تھے اور عقل اُنہیں تسلیم کرتی تھی۔ اُن کی عبادات اب بُتوں، آتش اور تثلیث وغیرہ جو سوچ کے اُتھلے پن اور فکر کی گراوٹ سے پیدا ہوتی ہیں، اب ارفع ہو کر بلندی کو پہنچی اور اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کی عبادت کرنے لگے جس کا تقاضہ ہے کہ فکر روشن ہو اور نظر میں وسعت آئے۔ اُنہیں اس زندگی کے بعد والی دوسری زندگی کا یقین ہوا، وہ اُس اخروی زندگی پر اسی طرح یقین رکھتے جیسا کہ اللہ ل کی کتاب اور آنحضرتؐ کی سنت میں ہے اور، آخرت کے عذاب و نعمت اُن پر اسی طرح واضحتھی جس طرح نصوص میں آیا ہے اور وہ اُس آنے والی زندگی کو ہی حقیقی زندگی ماننے لگے تھے۔ یہ حقیقت اُن پر عیاں تھی کہ عقائد و اعمال کی بنیاد پر عذاب و نعمت ہے۔ وہ اس زندگی کا اصلی روپ دیکھ رہے تھے کہ یہ آنے والی ابدی زندگی کے لئے تیاری کی مہلت ہے۔ انہوں نے اس زندگی کو ترک نہیں کیا بلکہ اس کو کھلے دل سے گزارا، اللہ نے رزق میں جو طیبات اور نعمات اپنے بندوں کے لئے بنائی ہیں اور جو اسباب رکھے ہیں اُن سے محظوظ ہوتے رہے۔ اُنہوں نے زندگی کے صحیح معیار اختیار کئے جن میں اس زندگی کا مقصد محض منفعت نہیں تھا، جو فاسد نظام میں ہر عمل کے لئے انسان میں تحرک پیدا کرتا ہے، نفع ہی ہر عمل کا مقصد ہوتا ہے اور نفع حاصل کرنے کے لئے ہی اعمال انجام دئے جاتے ہیں۔ اب اُن کی زندگیوں کا معیار، اُس میں اعمال کا معیار حلال و حرام ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ کے اوامر و نواہی اُن کے اعمال کی بنیاد اور اللہ کی رضا ہر عمل کا مقصد بن گیا۔ ہر عمل کیسے مقصود قیمت ہی اُس عمل کی غایت ہو گئی، چنانچہ نماز اور جہاد وغیرہ کی قیمت روحانی ہوئی، تجارت اور خرید و فروخت وغیرہ کی مقصود قیمت مادی نفع ہوا اور اعتبار و اعتماد یا صلہ رحمی جیسے اعمال کی قیمت اخلاقی ہو گئی۔ وہ ہر عمل اُس کی مقصود قیمت پر نظر رکھتے اور اُن میں تمیز کرتے تھے، اُن کی پرانی زندگی کی تصویر بدل کر منقلب ہو گئی تھی۔ اب زندگی کی حقیقی تصویر اُن کے سامنے تھی جس میں اعمال کا معیار اللہ تعالیٰ کے اوامر و نواہی یعنی حلال و حرام تھے۔
اُن کی نظر میں خوشی کے مفہوم میں انقلابی تبدیلی آئی، اب سے پیشتر وہ جسم کی خوراک پورا کرنے اور بھوک مٹانے کو خوشی سمجھتے تھے، اب محسوس کیا کہ اللہ کی رضا حاصل کرنا ہی سچی خوشی ہے، کیونکہ سعادت یا خوشی دائمی سکون کا نام ہے جو وقتی لذتوں اور شہوتوں سے حاصل نہیں کی جا سکتی، بلکہ صرف اللہ کی رضا سے ملتی ہے۔
اس طرح اسلام نے اِن اقوام کے نظریہ کو متاثر کیا اور اُن کی زندگیوں کے اعمال پر اثرانداز ہوا۔ اُن کی نظر میں اشیاء کی ترجیحات (Priorities)بدل گئیں، بعض اشیاء کی ترجیح اونچی ہوئی تو بعض ترجیحات میں نیچے آ گئیں۔ پہلے زندگی کا مرتبہ ترجیحات میں عقیدے سے بلند تھا اب انقلاب آیا اور یہ پلٹ کر عقیدہ ترجیحات میں زندگی سے بلند تر ہو گیا، لہٰذا اب مسلمان زندگی کو اسلام کی راہ میں لگانے لگا کیونکہ اسلام کی قیمت زندگی سے بلند تر تھی اور اب اُس کے لئے اسلام کی خاطر مصائب اور مشقات جھیلنا آسان ہو گیا تھا۔ زندگی میں اشیاء کی قیمت اور اُن کی ترجیحات وہ ہو گئیں تھیں جس کی وہ اشیاء لائق ہیں۔ زندگی اب محترم ہو گئی تھی اور مسلمان دائمی خوشی محسوس کر رہا تھا، اس نے سارے عالم کے سامنے زندگی کا وہ تصور رکھا جس میں ایک ہی ثابت نصب العین تھا یعنی اللہ کی رضا۔ اب تک اِن اقوام کے لئے زندگی میں متعدد اور بار بار تبدیل ہونے والے نصب العین اُن کی جستجو کا محور رہے تھے جو بدل کر صرف ایک اور ثابت ہو گیا تھا کہ سب کا مقصد اللہ کی رضا ہے۔ زندگی کے نصب العین میں تغیر آنے سے اشیاء کی جہاں ترجیحات متغیر ہوئیں وہیں زندگی کی اقدار میں حیرت انگیز انقلاب آیا، شخصیت میں شجاعت، اعلیٰ ظرفی اور شرافت، اپنی قبائلی یا قومی رجحان و تعصب اور میلان، اپنے نسب اور دولت پر تفاخر، فراخدلی میں اسراف، اپنی قومیت یا قبیلے سے وفاداری، انتقام میں شدت اور سنگدلی وغیرہ اِن اقوام کے شعار تھے۔ اسلام آیا تو اُس نے یہ افضلیت کے یہ معیار نہیں رکھے اور نہ اِنہیں یونہی چھوڑ دیا، بلکہ اِن تمام صفات کو اللہ تعالیٰ کے احکام کے تابع کر دیا، پس اِن میں جس چیز کا حکم صیغۂ اجابت میں ہو وہ اختیار کی جائے اور جس کا حکم نفی میں ہو وہ ترک کر دی جائے، اب یہ صفات کسی منفعت، کسی عزت یا وقار یا تقالید یا رواج و موروثیت کا موضوع نہیں رہ گئیں جن پر فخر کیا جائے اور اُن کا تحفظ کیا جائے۔ اسلام نے اطاعت کا تقاضہ یہ رکھا کہ انسان اللہ کے اوامر کا پابند ہو اور اُس کے نواہی سے اجتناب کرے اور انفرادی، قبائلی یا قومی مفاد کو اسلام کے تابع کر دیا۔
اس نہج پر اسلام اُن ممالک کے مسلمانوں کی ذہنیت اور نفسیات دونوں پر اثر انداز ہوا اور اِن کو اپنی پچھلی حالت سے منقلب کر کے نئی شکل دی۔ اسلام قبول کر لینے کے بعد اب اُن کی شخصیت پہلے سے نہیں رہ گئی تھی، اُن کا انسان، حیات اور کائنات کے تئیں تصور اور رجحان میں حیرت انگیز تغیر برپا ہو گیا تھا، اشیاء کے متعلق اُن کے افکار بدل گئے تھے۔ اب وہ سمجھنے لگے تھے کہ حیات کے معانی اچھائی اور کمال کے ہیں۔ زندگی میں اُن کا اعلیٰ ترین نصب العین اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنا بن گیا تھا، یہی وہ خوشی اور سعادت تھی جس کی اب اُنہیں طلب رہ گئی، اب وہ ایک جدا مخلوق بن گئے تھے جو اُن کی سابقہ خلقت سے سراسر مختلف تھی۔
اِن چاروں عوامل کے سبب یہ اقوام جنہوں نے اسلام قبول کیا تھا، اپنی پچھلی حالت سے تبدیل ہو ئیں۔ زندگی کے بارے میں اِن کے افکار اور نظریات متحد ہو کر ایک نظریہ میں ڈھل گئے، جس علاج سے اُن کے مسائل حل کئے جاتے تھے وہ ایک متحد نظام تھا، زندگی اُن سب کا مقصد متحد ہو کر ایک مقصد میں ڈھل گیا یعنی اللہ کے کلمہ کو بلند کرنا، اب یہ ناگزیر اور قطعی ہو گیا تھا کہ یہ مختلف اقوام پگھل کر اسلام کے سانچے میں ڈھل جائیں اور ایک امت بن جائیں۔

ریاست اسلامی میں ضعف کے عوامل

اسلامی ریاست اسلام کے عقیدے اور مبداء پر قائم ہوتی ہے اور اسی سے ریاست کی وحدت اور بقاء کی ضمانت ہوتی ہے۔ یہی مبداء ریاست کی ترقی کا سبب اور یہی اس کے وجود کا باعث ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی ریاست، اسلام کے قوی ہونے کی وجہ سے مضبوط رہی اور دنیا کے وسیع و عریض علاقے ایک صدی سے کم کم میں فتح کر لئے گئے جبکہ وہاں پہنچنے کا ذریعہ صرف گھوڑے اور اونٹ تھے۔ اس کے باوجود کہ رابطے کا وسیلہ صرف زبان اور قلم میسر تھے، نہایت قلیل عرصے میں تمام مفتوحہ ممالک اور اُن کی آبادیوں نے اسلام قبول کر لیا تھا۔ اسلام ہی ریاست کی طاقت اور اس کی ترقی کا محرک تھا۔
اسلام کے دشمنوں نے یہ محسوس کر لیا کہ وہ اس ریاستِ اسلامی کو اس وقت تک کمزور نہیں کر سکتے جب تک مسلمانوں میں اسلام کا فہم اور اُس کے احکام کا انطباق قوی ہے۔ پھر انہوں نے طے کیا کہ ایسے وسائل تلاش کئے جائیں جس سے مسلمانوں میں اسلام کا فہم اور اس کے احکام کا نفاذ ضعیف کیا جا سکے۔
اس غرض سے دشمنانِ اسلام نے متعدد وسائل استعمال کئے، بعض کا تعلق نصوصِ شرعیہ سے تھا، کچھ نصوص کی زبان سے متعلق تھے اور بعض احکام کی زندگی کے میدانِ عمل میں تطبیق سے جڑے ہوئے۔ پھر احادیث گھڑیں جن میں وہ باتیں تھیں جو آپؐ نے نہیں فرمائیں تھیں، اِن میں وہ کچھ تھا جو اسلام میں نہیں ہے اور جو اسلامی مفاہیم کے عین مخالف تھا تاکہ مسلمان اُن جھوٹی احادیث کو قبول کر لیں اور اُن کو اپنا لیں اور اس طرح اسلام سے دور ہو جائیں۔ اُنہوں نے بے شمار احادیث گھڑیں اور اِنہیں مسلمانوں میں عام کر دیا۔ مسلمانوں نے اس فتنہ کو بھانپ لیا اور اس سے نمٹنے کے لئے تیار ہو گئے۔ علماء اور محدثین نے احادیث جمع کیں، راویوں کے نام، اُن کی صفات اور روایت کی تاریخ جیسی تفاصیل کے ساتھ اُنہیں ترتیب دی اور صحیح، ضعیف اور موضوع احادیث کے ابواب باندھے، اس طرح احادیث کی حفاظت ہوئی۔ اُن احادیث کو جو تبع تابعین کی روایت تابعین سے اور اُن کی صحابہ سے تھیں اُنہیں قبول کیا اور اس کے بعد داخل ہونے والی روایات کو رد کیا اور ہر راوی کی پہچان کی گئی جس سے ایک مسلمان کے لئے یہ ممکن ہوا کہ وہ صحیح، ضعیف اور موضوع احادیث میں اُن کی سند اور متن کی معرفت سے تمیز کر سکے۔ ان زندیقوں سے ریاستِ اسلامی سے سختی سے نمٹا اور اکثر کو احادیث گھڑنے کے جرم میں قتل کی سزا بھی دی گئی۔ اس سازش سے اسلام یا اسلامی ریاست پر کوئی قابلِ ذکر اثر نہیں پڑا۔ پھر دشمنوں نے عربی زبان پر حملہ کیا کیونکہ اسی زبان کی معرفت دین آیا تھا، سازش یہ تھی کہ عربی کو اسلام سے علیحدہ کر دیا جائے۔ شروع میں وہ اس میں ناکام ہوئے کیونکہ جب مسلمان فتوحات کے لئے آگے بڑھتے تو اپنے ساتھ قرآن، حدیث اور عربی زبان ہوتی اور وہ مفتوحہ ممالک کے لوگوں کو یہ زبان بھی سکھاتے جس طرح قرآن اور احادیث سکھاتے تھے۔ جو لوگ اسلام میں داخل ہوئے اُنہوں نے یہ زبان سیکھی اور اس میں کمال حاصل کیا اور اُنہی میں ائمہ کرام اور مجتہدین ہوئے، مثلاً حضرت امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ، بشار ؔ ابن برد جیسے بلند معیار کے شعراء ہوئے اور نہایت فصیح اللسان ادیب جیسے المقفعؔ ہوئے، پھرمسلمان عربی زبان پر بہت توجہ بھی دیتے تھے اور اس کی اہمیت کو خوب سمجھتے تھے۔ امام الشافعی رحمۃ اللہ علیہ نے مثلاً قرآن حکیم کے ترجمہ کی اور نماز عربی کے علاوہ کسی اور زبان میں پڑھنے کی اجازت نہیں دی، جن لوگوں نے قرآن کے ترجمہ کی اجازت بھی دی جیسے حضرت امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے اجازت تو دی لیکن ترجمہ کو کبھی بھی اصل قرآن نہیں کہا۔ اس طرح عربی کی اہمیت پر خاطر خواہ توجہ دینے سے اس کی وہ اہمیت برقرار رہی جو اُس کا حق و مرتبہ ہے کیونکہ عربی اسلام کی بنیادی چیز ہے اور اجتہاد کے لئے شرائط میں سے ایک اہم شرط ہے۔ اسلام کے فہم کے لئے عربی ناگزیر ہے اور احکام شرعیہ کا استنباط کرنے کے لئے بھی عربی زبان کا جاننا لازمی ہے۔ البتہ چھٹی صدی ہجری کے اختتام سے عربی کو وہ توجہ و اہمیت نہیں دی گئی کیونکہ ایسے لوگ حاکم بن گئے جو نہ عربی جانتے تھے اور نہ اس کی اہمیت سمجھتے تھے۔ اب اس کوتاہی کے سبب اجتہاد ختم ہو گیا جو کہ شرعی احکام کے استنباط کا طریقہ ہے اور جس کے لئے عربی کا علم لازمی ہوتا ہے۔ اس طرح عربی زبان اسلام سے جدا ہو گئی۔ چنانچہ احکام شرعیہ کا فہم پراگندا ہوا اور نتیجتاً احکام کی تطبیق بھی متاثر ہوئی اور یہ مرض ریاست پر اثر انداز ہوا اور اُس کو کمزور کرتا گیا یہاں تک کہ اس میں اضمحلال آ گیا۔ اسی ضعف کے سبب نئے مسائل کا فہم ابتر ہوا، لہٰذا اُن نئے مسائل کی تطبیق بھی یا تو نہیں کی جا سکتی تھی یا اُن کو حل کرنے کے لئے غیر صحیح طریقہ اختیار کیا گیا۔ اب ریاست کے سامنے ایسے نئے مسائل کا ایک انبار لگتا گیا جنہیں بہرحال حل تو کیا ہی جانا تھا، اِن بڑھتے ہوئے مسائل کے سامنے بے بس ریاست کمزور ہوتی گئی۔
یہ بحث ہوئی اسلام کی نصوص اور عربی زبان سے متعلق جس سے اسلام کو سمجھا جاتا ہے۔ رہی بات اسلام کو زندگی کے میدان میں منطبق کرنے کی، تو ابتدائی صدیوں میں یہ کوشش کی گئی کہ اسلام کو ہندوستانی فلسفے سے ہم آہنگ کیا جائے۔ اس کے ذریعے دنیا میں زہد و پاکیزگی اور آخرت کی طلب سے مراد دنیوی لذتوں اور نعمتوں سے پرہیز کرنا اور اپنے جسم کو شدید اذیتیں پہنچانے سے لی جاتی تھی۔ کئی لوگ اس فلسفے سے متاثر ہوئے اور اُنہوں زندگی اتنی خشک کر لی کہ ذرا سی مسکراہٹ یا دنیا داری بھی اُس طرزِ زندگی میں خلل کا باعث ہوتی۔ ایسے لوگ نہ صرف عام مسلمانوں کی زندگی کے میدان عمل سے خارج ہو گئے بلکہ ریاست کے لئے بھی میسر نہیں رہے۔ اس طرح ایک بڑے طبقہ کی صلاحیتوں سے محروم ہو گیا جو اپنے جسموں کو اذیتیں پہنچانے کے بجائے دعوتِ اسلام کا کام انجام دے سکتے تھے۔
پھر مغربی ممالک اپنی تہذیب لے کر آئے اور اس محاذ پر حملہ کیا۔ اُن کی یہ متناقض تہذیب اسلامی ثقافت سے ٹکراتی تھی، لیکن اُنہوں نے مسلمانوں کو اس دھوکے میں ڈال رکھا تھا کہ یہ تہذیب اُنہی سے لی گئی چیز ہے جب کہ وہ ایسے نظام کی دَین تھی جو خود اسلام سے متناقض تھا۔ پھر وہ ایسے قوانین لائے جو اسلامی شریعت سے ٹکراتے تھے اور مسلمانوں کو یہ سمجھا کر دئے کہ یہ اسلام کے مخالف قوانین نہیں ہیں۔ ان قوانین نے مسلمانوں پر بہت گہری چھاپ چھوڑی اور مغربی تمدن اُن پر حاوی ہو گیا۔ مسلمان اب زندگی کو مغربی نقطۂ نظر سے دیکھنے لگے تھے یعنی مسلمان منفعت کو اعمال کی بنیاد تصور کرنے لگے۔ اسی طرح مغربی تمدن کے اور مفاہیم داخل ہوئے، سود جائز ہو گیا، مغربی بینکوں کا نظام اختیار کر لیا گیا اور شرعی حدود معطل کر کے مغربی قانونِ عقوبات(Penal laws) اس کی جگہ اپنا لئے گئے۔ حالانکہ اِن تمام افعال کے جواز کے لئے فتوے بھی دے دئے گئے تھے لیکن اِن غیر اسلامی قوانین و تہذیب کا امت پرا لمناک اثر پڑا اور اُس میں ایمانی حرارت ماند پڑتی گئی۔ امت یقیناً ہدایت کے راستے سے بھٹک کر رواں تھی اور اس نے ریاست کے ضعف میں اضافہ کیا۔
فہمِ اسلامی سے متعلق جہاں یہ روش رہی وہیں تطبیق کے میدان میں متعدد عوامل اکٹھا ہوئے جن کے باعث تطبیق بے ہنگم ہوئی۔ ان میں ایک یہ تھا کہ سیاسی جماعتیں جب وجود میں آئیں تو ہر جماعت اپنی رائے کو امت پر نافذ کرنے کے لئے جنگی طریقے اختیار کرنے پر تُلی ہوئی تھی تا کہ اُسی کی رائے کے مطابق نفاذ ہو۔ عباسیوں نے فارس اور ایران پر قبضہ کیا تاکہ تمام ریاست پر حاوی ہونے کے لئے اِن علاقوں کو نقطہ آغاز بنائیں اور حکومت کو خاندان بنو ہاشم میں محدود کر لیں۔ اِن کے بعد فاطمی آئے اور مصر پر قبضہ کر کے وہاں سے پوری ریاست پر نظر ڈالی تاکہ وہ اپنی اسماعیلی افکار جو خلافِ شریعت تھیں، امت پر تھوپ سکیں۔ ان سے ایک طرف تو اسلامی ریاست کو شدید جھٹکا لگا اور فتوحات کا سلسلہ کسی حد تک معطل ہو گیا۔ دوسری جانب اس کے باعث اقتدار کا دوسرا مرکز وجود میں آیا اور مسلمان دو ریاستوں میں ہو گئی جبکہ مسلمانوں کے لئے یہ جائز ہی نہیں کہ اُن کی ایک سے زیادہ ریاست ہو۔ اس کے باعث ریاست میں مزید کمزوری آئی اور جہاں فتوحات کا سلسلہ متاثر ہوا وہیں دعوت پہنچانے کا عمل بھی تھم گیا۔ سیاسی جماعتوں کا یہ طریقۂ کار دراصل اموی خلفاء کی دَین تھا جنہوں نے ولی عہدی کا رواج اختیار کیا تھا کہ ایک شخص ولی عہد بنا دیا جاتا اور پھر اُس پر بیعت ہوتی تھی۔ اس کے باعث بیعت محض ایک رسم بن گئی اور اب حاکم بننے والا شخص بیعت کا انتظار نہیں کرتا تھا کہ بیعت ملنے پر ہی وہ خلیفہ بن سکے گا۔ اس طرح معاویہ نے اپنے بیٹے یزید کو ولی عہد بنایا اور پھر اُس کے لئے بیعت لی، اس کے بعد آنے والے خلفاء نے بھی یہی طریقہ اختیار کیا کہ وہ ایک شخص کو ولی عہد نامزد کر دیتے اور پھر اُس پر عوام بیعت کرتے تھے۔ عوام صرف اُسی شخص کو بیعت دے پاتے جسے خلیفہ نے نامزد کر کے ولی عہد بنا دیا ہو، شاذ و نادر ہی کبھی عوام اس کے خلاف بیعت کر پائے۔ سیاسی جماعتوں نے یہ اسلوب اس لئے اختیار کیا کہ اس طرح وہ قوت کے زور پر اقتدار حاصل کر سکتی تھیں۔ حالانکہ حضرت ابو بکرؓ نے حضرت عمرؓ کو نامزد کیا تھا لیکن اس طریقۂ کار کے غلط استعمال کی وجہ سے ایسی صورتِ حال پیدا ہوئی۔ حضرت ابو بکرؓ نے حضرت ابو بکرؓ کو نامزد کرنے سے پہلے مسلمانوں سے مشورہ کیا تھا جس کے نتیجے میں یہ معلوم ہوا کہ عوام کی رائے دو اشخاص تک محدود تھی، یعنی حضرت عمرؓ اور حضرت علیؓ تک، پھر حضرت عمرؓ منتخب ہوئے اور حضرت ابو بکرؓ کی وفات کے بعد اُنہیں بیعت دی گئی۔ یہ اسلوب عین شرعی تھا لیکن بعد کے خلفاء نے اس کا بے جا استعمال کیا اور اپنے ہی بیٹے، بھائی، یا کسی خاندان والے کو ولی عہد نامزد کرنے لگے اور، بعض اوقات تو ایک سے زیادہ شخص کو بھی نامزد کیا گیا۔ اس طرح مسلمانوں کو بیعت سے محروم کر دینے سے ریاست کمزور پڑتی گئی۔ البتہ یہ کمزوری اُس دور میں ظاہر نہ ہوئی جب تک ریاست فی نفسہٖ مضبوط رہی، لیکن جب اُس کی طاقت کمزور پڑی تو اس کا اظہار ہوا۔
معاملہ صرف خلیفہ کی بیعت میں بے ترتیبی تک محدود نہیں رہا، بلکہ والیوں کا معاملہ بھی بگاڑ کا شکار ہوا۔ عبد الرحمٰن الداخل جب اندلسؔ(اسپینؔ) میں خود مختار ہو گیا تو عباسی خلفاء کی اس معاملے میں خاموشی نے ریاست کے ایک بڑے حصہ کو جدا کر دیا۔ پھر اس کے بعد آنے والے والیان بھی اسی طرز پر قائم رہے اور بعض نے تو خود کے لئے امیر المؤمنین کا لقب اختیار کر لیا۔ حالانکہ اسپین نے ریاستِ اسلامی سے مکمل آزادی کا اعلان نہیں کیا اور وہاں کے مسلمان امتِ مسلمہ سے ہی وابستہ رہے، لیکن بہرحال اسپین کا اقتدار علیحدہ ہو گیا تھا۔ ریاست میں کمزوری پھیلتی گئی اور کفار کے لئے اُس پر غلبہ پا لینا آسان ہو گیا جبکہ ریاست اُس وقت اپنی طاقت کے عروج پر تھی پھر بھی یہ ریاست اندلس ؔ کے علیحدہ اقتدار ہو جانے کے سبب کچھ بھی نہ کر سکی۔
اگر یہ صورتِ حال ریاست کے مغربی حصہ کی رہی تو مشرقی حصوں میں والیوں کو ولایتِ عامہ دینے کا فتنہ سر اُٹھا رہا تھا جس کے باعث والی کو وسیع اختیار مل جاتے تھے اور اُن میں خودمختاری کی لالچ کے احساس موجزن ہوتے تھے۔ چنانچہ اُنہوں نے بھی اپنا داخلی اقتدار علیحدہ کر لیا اور خلفاء نے اس پر بھی سکوت اختیار کر لیا اور محض اس پر اکتفا ء کر لیا کہ مسجدوں کے منبروں سے اُن کے لئے دعائیں ہونا جاری تھا، احکام اُن کے نام سے صادر ہوتے تھے، سکہ جات پر اُن کے نام کندہ کرائے جا رہے تھے یاخراج کی رقوم اُنہیں بھیجی جا رہی تھیں۔ یہ ولایات اپنی خود مختاری کے سبب ملکوں جیسی ہی تھیں۔ یہی صورتِ حال سلجوقی اور حمدانییوں کی ولایت کی بھی رہی اور ریاست کے کمزور رکنے میں یہ عوامل بھی کارفرما رہے۔ یہ تمام عوامل ریاست کو اپنے اپنے طور سے کمزور کرتے رہے اور پھر عثمانیوں نے خلافت سنبھال لی۔ اُنہوں نے ریاست کے بیشتر حصوں کو متحد کیا، فتوحات اور یوروپ کو دعوت کا سلسلہ از سرِ و جاری ہوا۔ اِن کاروائیوں کی بنیاد اسلام کا بہتر فہم یا اُن کا مکمل نفاذ و تطبیق نہیں تھی بلکہ یہ صرف عثمانی سلسلے کے چند اوائل کے خلفاء کی قوتِ ایمانی اور فوجی طاقت پر منحصر تھا، لہٰذا اِن فتوحات کے نتائج وہ ہرگز نہیں تھے جو اسلامی دور کے آغاز کی فتوحات سے برآمد ہوئے تھے۔ ریاست کی قوت امت کی قوت کے نتیجے میں نہیں تھی، چنانچہ یہ ماند پڑتی گئی یہاں تک کہ اپنے اختتام کو پہنچی۔ ریاستِ اسلامی کا اختتام اِن عوامل اور دشمنانِ اسلام کی مذکورہ بالا سازشوں کے نتیجے میں ہوئی۔ ریاست کی کمزوری کے اسباب کا خلاصہ ان دو وجوہات میں کیا جا سکتا ہے : امت کا اسلام کے فہم میں ضعف اور اسلامی احکام کا غلط انطباق۔ لہٰذا جس چیز سے ریاستِ اسلام دوبارہ ہستیِ وجود میں آ سکتی ہے وہ اسلام کا ٹھیک ٹھیک فہم ہے اور جن امور سے اس ریاست کو بقاء و دوام حاصل ہو گا وہ اس فہم کا امت میں نسل در نسل برقرار رہنا، اسلام کے احکام کا صحیح نفاذ اور تطبیق اور دعوت کا سارے عالم میں پہنچانا ہیں۔

اسلامی ریاست کا زوال

ریاست میں فکری کمزوری کا آغاز پانچویں صدی ہجری سے ہوا جب بعض علماء نے اجتہاد کے دروازے بند کرنے کی پکار اُٹھائی، یہ پکار ریاست کے ضعف کے لئے خطرے کی گھنٹی تھی۔ گو کہ اس کے بعد بھی مجتہدین آئے لیکن فکری انحطاط نے جڑیں پکڑ لی تھیں اور اس سے ریاست متاثر ہو چکی تھی، ٹوٹ پھوٹ کا عمل جگہ جگہ دراریں کر نے لگا تھا اور ناتوانی غالب آ رہی تھی۔ پھر جب عیسائیوں سے صلیبی جنگوں کا دور آیا تو ریاست اس قابل نہیں رہ گئی تھی کہ صلیبیوں کا مقابلہ کر سکے لیکن اسے صلیبیوں سے قریب دو صدیوں تک بر سرِ پیکار رہنا پڑا۔ ابتداء میں کامیابی صلیبیوں کا مقدر رہی اور وہ ریاست کے ایک حصے پر قابض ہو گئے۔ اسلامی ریاست نے اُس حصے کو دوبارہ حاصل کرنے کے لئے کوشش کی اور اس دوران مملوکوں نے ایک حصے پر اپنی حکومت شروع کر دی۔ مملوکوں نے عربی زبان، فکری مفاہیم اور قانون سازی کی اہمیت کو نہیں سمجھا اور اس میں کوتاہی کی، اجتہاد کا باب بند ہوا اور اسلامی فہم میں کمزوری آنے لگی۔ علماء نے تقلید کو واجب قرار دے دیا، ریاست ہر طرف سے لاغر ہونے لگی۔ تاتاریوں کے حملے ہوئے جن سے ریاست کی فوجی قوت متاثر ہوئی، البتہ یہ کمزوری داخلی نوعیت کی تھی، خارجی طور سے ریاست کی ساکھ اور اس کا وقار البتہ متاثر نہیں ہوئی تھی۔ اب بھی یہ ریاست دنیا کی سب سے بڑی طاقت تھی اور اس کے سب سے بڑے اور اہم حصوں پر محیط تھی، دشمن اس سے خوفزدہ رہتے تھے۔ نویں صدی ہجری یعنی پندھرویں صدی عیسوی میں عثمانی خلافت نے مسلم دنیا کے بیشتر علاقوں کو اپنے اقتدار میں کر لیا تھا، دسویں صدی ہجری مطابق سولھویں صدی عیسوی میں اور پھیلاؤ ہوا اور عثمانیوں نے اپنی فوجی قوت میں بہت اضافہ کیا، اقتدار اور وسیع ہوا فوجیں منظم کی گئیں اور فتوحات ہوتی رہیں، حکومت و اقتدار کے امور مسحورکن ہوتے گئے، لیکن عربی زبان پر توجہ میں کوتاہی ہوتی رہی جبکہ اسلام کے صحیح فہم کے لئے یہ ناگزیر اور اجتہاد کے لئے شرط ہے۔ اسلام پر بھی فکری اور تشریعی پہلوؤں سے توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجے میں اِن دونوں پہلوؤں کی سطح میں قابلِ دید گراوٹ رونما ہوئی۔ لہٰذا گو کہ ریاست ظاہری طور پر قوی تھی لیکن اس کی مضبوطی کی اصل بنیادوں سے کوتاہی کے باعث اس کی قوت صرف اس کے ظاہر تک محدود ہوتی جا رہی تھی، چنانچہ جب تک یہ باہری طاقت قائم رہی، اس کی حقیقی کمزوریاں دھکی چھپی نظروں سے اوجھل رہیں۔ چونکہ مسلمان بھی اب اپنی ترقی، اپنی قانون سازی، اپنی تہذیب اور تمدن کو یوروپ کے پیمانوں سے ناپنے اور اُن ہی کے معیار پر جانچنے لگے تھے لہٰذا مسلمانوں کو سطحی طور پر سب کچھ بھلا اور ٹھیک لگ رہا تھا، اب اُن کے پاس نظر کی وہ گہرائی نہیں رہ گئی تھی جس سے وہ اس ضعف کو دیکھ پاتے۔ اس وقت یوروپ گھنے اندھیروں میں پڑا تھا، جہالت کے سائے میں وہاں ہر جگہ افراتفری مچی ہوئی، یوروپ نے ترقی کے لئے اُٹھنے کی کئی بار کوششیں کیں لیکن ہر ناکام رہے۔ اس کے مقابلے میں مسلمان جب اپنے آپ کا یوروپ سے موازنہ کرتے تو ہر زاویہ سے خود کو یوروپ کی اُس وقت کی ظلمتوں اور اندھیروں سے برتر پاتے تھے کیونکہ مسلمان بھی اپنی ترقی کو یوروپی معیار پر جانچ رہے ہوتے، لہٰذا وہ اپنی اس نسبتاً بہتر حالت، صالح نظام اور برتر تہذیب پر مطمئن رہے اور اُن کی سطحی نظر اُن کی فکر کے ٹھیراؤ، تشریع کے جمود اور امت کی ٹوٹ پھوٹ جیسی اُن کمزوریوں کو نہ بھانپ سکی جو ریاست کو کھوکھلا کئے جا رہی تھیں۔ مسلمانوں کی یوروپ پر فتح کر کے بلقانؔ اور یوروپ کے جنوب مشرقی حصوں کو اپنے قبضے میں لینا، یوروپی ممالک میں عثمانی ریاست کی بطور اسلامی ریاست دھاک بیٹھ جانا کہ مسلمان ناقابلِ شکست ہیں بلکہ اُن کا مقابلہ ہی نہیں کیا جا سکتا، یہ ایسے امور تھے جن کے باعث مسلمان خود کو برتر سمجھ رہے تھے اور اُن کی نظر اپنی کمزوریوں سے اوجھل تھی۔
اس کے بعد یوروپ میں ’’مسئلۂ شرق‘‘ اُٹھ کھڑا ہوا جس کا اُس وقت مفہوم یہ تھا کہ نویں صدی ہجری(پندھرویں صدی عیسوی)میں محمد الفاتحؔ کی قیادت میں عثمانی خلافت کے بڑھتے ہوئے حملوں سے بچا جائے۔ یہ حملے گیارھویں صدی ہجری کے اواخر تک محمدالفاتح کے بعد کے سلاطین تک جاری رہے اور اس دوران سلیمان لاقانونی ؔ کے دور میں نہایت شدید ہو گئے تھے۔ یہ شدت بارہویں صدی ہجری(اٹھارہویں صدی عیسوی) تک جاری رہی تھی۔ اس دور میں یوروپ پر اِن حملوں کے باعث اسلامی ریاست مسلسل قوی رہی۔ مسلمانوں میں اپنے عقیدے کی قوت تھی اور زندگی کے بارے میں متعین مفاہیم تھے گو کہ یہ مفاہیم اب اُن کے ذہنوں میں اِتنے واضح نہیں رہے تھے، زندگیوں میں اسلام کے نظام جاری تھے گو کہ اُن کی تطبیق میں غلطیاں سرزد ہونے لگی تھیں، اس کے برعکس یوروپ فکری اور تشریعی سطح پر ظلمتوں کا شکار تھا۔ طاقت کے ایسے عروج کے وقت اسلامی ریاست کے لئے یہ ممکن تھا کہ وہ اسلام کے صحیح فہم کو اختیار کرے اور اسے عام کرے، عربی زبان کے فروغ کی جانب اپنی توجہ مبذول کرے اور اجتہاد کو بڑھاوا دے اور فکری و تشریعی زاویوں پر توجہ دے کر اُن میں بلندی کی کوشش کرے، ایسی کاوشوں سے ریاست کی ایک مضبوط بنیاد بنتی اور ایسے قوی اور راسخ افکار سے فتوحات میں مدد ملتی جس سے وہ اسلام کی دعوت کو سارے عالم تک پہنچاتی اور دنیا کے باقی حصوں کو بھی فتح کر پاتی اور اس طرح اسلامی تہذیب سارے عالم میں عام ہوتی اور انسانیت جس شر وفساد میں گھری ہے اُس سے نکل پاتی، البتہ ایسا ہوا نہیں۔ عربی زبان کو وہ فروغ نہیں دیا گیا جو ضروری تھا، سائے اس کے کہ کچھ عرب لوگوں کو کچھ علمی اور مدرسی کے منصب دے دئے گئے جس سے نہ تو زبان کو فروغ ہوا اور نہ افکار با شعور ہو پائے۔ عربی کے احیاء کی کوئی کوشش نہیں کی گئی اور نہ ہی اسے ریاست کی زبان بنایا گیا جیسا کہ شرعاً واجب ہے، نہ ہی فکری سطح بلند کرنے کے لئے اور فقہہ کے لئے کوئی اقدامات کئے گئے۔ اس طرح جو بھی کوششیں ہوئیں وہ بہت قلیل اور غلط ہونے کے سبب حالت میں کوئی سدھار نہیں آیا اور ریاست صحیح رخ پر نہ آ پائی۔ بارہویں صدی ہجری(اٹھارہویں صدی عیسوی) کے اواخر کے آتے آتے اب ریاست کا یہ اندرونی ضعف اُبھر کر سامنے آنے لگا تھا، کیونکہ ریاستِ اسلامی کا ڈھانچہ اسلامی نظام کے بچے کھچے آثار پر قائم تھا جن کی اب تطبیق بھی غلط ہو نے لگی تھی۔ یہ ڈھانچہ ایسے افکار پر قائم تھا جن میں کچھ تو اسلامی تھے اور کچھ وہ جو اسلام میں داخل ہو گئے تھے۔ یہ حکومت بھی عمومی طور اسلامی حکومت کا تاثر دیتی تھی نہ کہ خود بذاتِ خود مکمل طور سے اسلامی نظام کی حکومت تھی اور اس کا سبب اسلامی نظام کا غلط نفاذ اور اجتہاد اور مجتہدین کا فقدان تھا۔
تیرہویں صدی ہجری (انیسویں صدی عیسوی) کے آتے آتے تاریخِ عالم کا توا ڈانواڈول ہو رہا تھا اور جہاں عالمِ اسلام کا پلڑا ہلکا ہو رہا تھا وہیں یوروپ کا پلڑا بھاری ہو تا جا رہا تھا۔ یورپ میں بیداری اور احیاء کا دور شروع ہو چکا تھا اور اُس کے آثار صاف نظر آ رہے تھے، ادھر اسلامی ریاست میں اسلام کے احکام کی غلط تطبیق اور مسلمانوں میں فکری جمود کے آثار واضح ہو چکے تھے۔ انیسویں صدی کے یوروپ میں ایک مہتم بالشان فکری انقلاب برپا تھا، اُن کے ادیبوں، فلسفیوں اور دانشوروں کی کوششوں نے اُن کے فکر میں ایک بڑی جامع تبدیلی کے لئے محرک کیا جس کا مقصد یوروپ کے عوام میں بیداری لانا تھا۔ کئی تحریکات ہستی ٔ وجود میں آئیں جنہوں نے عوام میں زندگی کے مختلف میدانوں میں زاویۂ نظر کو متاثر کیا جن کے باعث نئے نظریات اُبھر کر سامنے آئے۔ اِن میں سب سے اہم سیاسی نظاموں، قانون سازی اور زندگی کے دوسرے نظاموں کا اُبھر کر آنا ہے۔ بادشاہت کا جابرانہ پیکر اب زائل ہو رہا تھا اور اس کی جگہ ایک ایسا نظام وجود میں آ رہا تھا جس میں حکومت کی شکل عوام کی نمائندگی اور سیادت کی بنیاد پر ہوتی ہے۔ حکومتی ڈھانچے کے اس پہلو نے یوروپ کے احیاء کو سب سے زیادہ متاثر کیا جس طرح اس صدی کے صنعتی انقلاب نے متاثر کیا تھا۔ اسی دور میں متعدد ایجادات اور دریافتیں ہوئیں۔ ان مادّی ترقیوں اور سائینسی علمی تقدم نے یوروپ کے پلڑے کو عالمِ اسلام کے پلڑے پر حاوی کر دیا۔
اِن بنیادی تغیرات کے بعد اب اہلِ یوروپ کے لئے ’’مسئلۂ شرق‘‘ کے معنی صرف دفاعی نہیں رہ گئے تھے کہ کس طرح عثمانی خلافت کے حملوں سے نمٹا جائے، بلکہ یہ بدل کر اقدامی معنوں میں تبدیل ہو گیا تھا، اب اس سے مراد یہ تھی کہ آیا عثمانی خلافت کو باقی رکھا جائے یا اُسے تقسیم کر دیا جائے ؟اس بارے میں یوروپی ممالک کا نقطۂ نظر اپنے اپنے مفاد پر مبنی تھا اور چونکہ سب کے مفاد مختلف تھے لہٰذا اس مسئلہ پر اُن کی آراء بھی علیحدہ علیحدہ تھیں۔ ’’مسئلۂ شرق‘‘ میں اس تبدیلی کا واقع ہونا، یوروپ کی زبردست فکری بلندی اور سائینسی ترقی اور عثمانی خلافت کا فکری جمود، کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ سے کافر ممالک اور اسلامی ریاست کے درمیان ایک بڑی سیاسی تبدیلی واقع ہوئی جس میں اسلامی ریاست کا پلڑا جھک گیا اور یوروپ کا پلڑا حاوی ہو گیا۔
سیاست کے اس غیر معمولی تغیر کی وجہ یوروپی دانشوروں کی کاوشیں تھیں جس کا ہدف زندگی کے لئے ایک جدید نظام بنانا تھا۔ اُنہوں نے زندگی کا نیا نظریہ اختیار کیا تھا اور ایک عقیدے کو مانتے تھے اور اسی کی بنیاد پر ایک نظامِ حیات وضع کیا تھا۔ اس عقیدے اور اس نظام کے تحت اُن کی نظر میں اشیاء کی قدریں اور مفاہیم و افکار کی ترجیحات بدل گئیں تھیں جس کے سبب اُن کی زندگیوں میں ایک غیر معمولی تبدیلی یا انقلاب آ گیا تھا، جو بالآخر عظیم صنعتی انقلاب کی شکل میں ظاہر ہوا۔ اس کے برعکس عالمِ اسلام میں جس پر حکومت کی دعویدار عثمانی خلافت تھی، بجائے اس کے کہ اپنی حالت پر صحیح نظر سے غور کرنے کے اور اپنے عقیدے و مبداء کو گہری و باریک نظر سے دیکھتی، اُن سے اپنے افکار اور سوچ کو متاثر کرتی، اجتہاد کا احیاء کرنے کے، اپنے مسائل کو اپنے عقیدے سے نکلے نظام کے تحت حل کرتی اور سائنسی اور صنعتی ترقی کی جانب گامزن ہوتی، یہ سب کچھ نہیں کیا اور صرف یوروپ کی ترقی کو دیکھ دیکھ کر حیرت زدہ ہوئی اور اپنی حالت پر محض قلق کیا اور جامد کھڑی رہی۔ اس کے نتیجے میں عثمانی ریاست سائنسی اور صنعتی میدان میں پیچھے گرتے گرتے باقی ممالک سے پیچھے رہ گئی۔
اس طرح عثمانی ریاست کے پیچھے رہ جانے کا سبب یہ تھا کہ یہ ریاست اسلامی ریاست تھی، جس رعایا پر یہ حکومت کرتی تھی وہ مسلم رعایا تھی، اسلام ہی ریاست کا عقیدہ اور اس کا نظام تھا، اس کے افکار ریاست کے افکار تھے، اسلام کا نظریہ ہی زندگی کے متعلق ریاست کا نظریہ تھا، ریاست کا فرض یہ تھا کہ وہ یوروپ میں جنم لے رہے نئے افکار کو اپنی فکری اساس(عقیدۂ اسلام) سے جانچے اور نئے پیدا شدہ مسائل کو اسلامی نقطۂ نظر سے پرکھے اور پھر نئے مسائل اور افکار پر اسلامی نقطۂ نظر سے صحیح اجتہاد کے ذریعے اپنا فیصلہ لے اور یہ اُن کا صحیح یا فاسد ہونا طے کرے۔ لیکن ایسا کیا نہیں گیا!کیونکہ اُس کے سامنے واضح اسلامی افکار اور اِن افکار کے متعین مفہوم نہیں تھے۔ اُن کے پاس اسلامی عقیدہ اُس بنیاد کی حیثیت سے نہیں تھا جس پر اُن کے افکار، اُن کی سوچ قائم ہونا تھی، بلکہ محض ایک رواجی عقیدہ تھا۔ لہٰذا جس بنیاد پر یہ ریاست کھڑی تھی، یعنی اس کے افکار و عقیدہ، وہ خود اُس ریاست کے لئے ہی غیر واضح یا مبہم تھے اور نظام اجتہاد کے نہ ہونے کی وجہ سے جامد تھا۔ پھر یہ کہ تہذیب جو زندگی سے متعلق تمام افکار اور مفاہیم کا مجموعہ ہوتی ہے، تو یہ مفاہیم ایک طرف تو اُن کے لئے کوئی واضح متعین شکل نہیں رکھتے تھے، دوسرے یہ کہ یہ مفاہیم حکومتی اعمال سے منسلک نہیں تھے۔ اس کی وجہ سے فکر کی سطح میں گراوٹ آئی اور ترقی تھم گئی اور وہ یوروپ کے اس عظیم الشان فکری اور صنعتی انقلاب حیرت زدہ اور مبہوت ہو کر دیکھتے رہے۔ اپنے اس تعجب کے باعث وہ یہ بھی سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ اس ترقی کو اپنا لیا جائے یا چھوڑ دیا جائے !وہ یہ تمیز کرنے سے بھی قاصر تھے کہ سائنس اور صنعتی ایجادات اور دریافتوں کو اختیار کر لینا جائز ہے لیکن فلسفہ، جس سے نظریات جنم لیتے ہیں یا تہذیب جو زندگی کے مفاہیم کا مجموعہ ہوتی ہے اس کا اختیار کر لینا جائز نہیں۔ اپنی اس غیر یقینی کی وجہ سے وہ بے حس و حرکت بس کھڑے رہ گئے۔ اس جمود و بے حرکتی نے مسلمانوں کی ترقی کے پہیے کو روک دیا تھا جبکہ یوروپ کی ترقی کا پہیہ گامزن تھا۔ اس سب کا سبب یہ تھا کہ مسلمانوں کے پاس اسلام کا صحیح فہم نہیں رہ گیا تھا، وہ اپنی اور یوروپی فکر کے باہمی تناقض کو محسوس نہیں کر پا رہے تھے اور یہ کہ وہ سائنسی اور صنعتی ایجادات میں، جنہیں اختیار کرنے کے لئے اسلام راغب کرتا ہے اور فلسفہ، تہذیب اور فکر میں جنہیں اختیار کرنے سے اسلام روکتا ہے، مسلمان تمیز نہیں کر پا رہے تھے۔
عثمانیوں کے لئے اسلام کا فہم نہ تو صحیح تھا اور نہ واضح، یہی وجہ تھی کہ امت اور ریاست دونوں بس ایک زندگی جئے جا رہے تھے جس سے وہ راضی تھے بغیر یہ دیکھے کہ اُن کے پاس ایک نظام موجود تھا۔ جبکہ اس وقت مسلمانوں کے دشمن نے ایک نظام کو اختیار کر لیا تھا جس پر وہ مضبوطی سے قائم تھے۔ اب یوروپ کے پاس جو عقیدہ ہو اور جو بھی فلسفہ ہو، بہرحال اُن کے پاس ایک اپنا مبداء(Ideology) تھی، اور ایک امت مسلمہ تھی جس کے پاس ایک صحیح عقیدہ تھا لیکن وہ ایسے مبداء کے آثار پر زندگی بسر کر رہی تھی جو صدیوں سے غلط تطبیق کے باعث اُن کے ذہنوں سے اوجھل تھا۔ جبکہ اللہ کے رسولؐ کا یہ فرمان تھا:
((ترکت فیکم ما إن تمسکتم بہٖ لن تضلوا، کتاب اللہ و سنتي))
تم میں وہ چھوڑا ہے کہ اگر تم انہیں تھام لو تو ہرگز گمراہ نہ ہو گے، اللہ کی کتاب اور میری سنت۔
باوجود یکہ ریاست اسلامی تھی اور امت مسلمان، اور باوجود کہ فکری اور فقہی ثروت کا خزانہ اُنہیں میسر تھا، یہ ریاست اس حدیث کے معانی کا فہم نہ حاصل کر سکی کہ اسلام کے فکری اصول کی بنیاد پر اس حدیث کے مصداق لوٹ آئے، اور نہ ہی یہ خزانہ جس کی دیگر قوموں میں کوئی نظیر نہیں ہے، اس سے یہ فائدہ حاصل کر سکی۔
وہ اس خزانے سے مستفید نہیں ہوئی اس لئے کہ جب اس نے اجتہاد کا باب بند کر دیا تو فکری حرکت بند ہوئی اور عوام میں اسلامی مفاہیم ضعیف ہو گئے اور اسلامی شعور ناپید ہو گیا، علمی خزانے کتابوں میں ہی باقی رہ گئے اور بجز چند کے، علمائے مفکرین نہ رہے۔ مطالعہ و تحقیق کے ذریعے حقیقتوں کو جاننے کی رغبت کم ہو گئی۔ اب اِن خزانوں اور معارف کی زندگی کے میدانِ عمل میں اور حکومت کوئی ضرورت نہیں رہ گئی تھی کیونکہ ریاست اُن کی ہمت افزائی نہیں کرتی تھی۔ اب علماء محض عقلی کاوش کی خاطر علم حاصل کرتے تھے اور اسے علم بغرضِ علم کہا جاتا تھا۔ اکثر علم حاصل کرنے کے پیچھے روزی کی طلب ہوتی تھی شاذ و نادر کوئی امت اور ریاست کی منفعت کے لئے علم کا طالب ہوتا تھا۔ ایسی حالت میں کسی قسم کی علمی، ثقافتی یا تشریعی کاوشیں کہاں ہو سکتی تھیں ؟ اور اس کا نتیجہ اسلام کے فہم میں افرا تفری پرہی منتج ہو سکتا تھا۔ اسلام کے بارے میں مسلمانوں کی فکر محض روحانی فکر رہ گئی تھیجس میں کوئی فکری، سیاسی یا تشریعی پہلو نہیں تھا۔ پھر جب اسلام کی اصلی فکر و مفہوم اوجھل ہو گیا، اور وہ طریقہ جس سے یہ افکار نافذ ہوتے ہیں وہ بھی اوجھل ہو گیا تو ظاہر ہے کہ اللہ کی کتاب اور سنتِ رسولؐ بھی اوجھل ہو گئی اور وہ اسلام کو بس ایک روحانی مذہب سمجھنے لگے۔ اُنہوں نے اسلام کا بحیثیت ایک روحانی مذہب کے باقی ادیان سے موازنہ کر اس کے ممیزات گننے کو ایک دینی کام سمجھ لیا جبکہ اسلام کو بحیثیت ایک جامع عقیدے اور زندگی کے معاملات کا مکمل نظام کے دیکھا جانا چاہئے تھا۔ لہٰذا کوئی عجب نہیں کہ یہ امت عثمانی ریاست کی قیادت میں حیرت و نامرادی کا محض بُت بنے یوروپ کے زبردست انقلاب کو دیکھتی رہی اور یوروپ کی اقتصادی ترقی، سائنسی ایجادات اور صنعتی انقلاب میں اُن سے واضح طور پر پیچھے رہ گئی۔ اور جو کچھ جزوی تاثر اس پر ہوا تو وہ بہت تھوڑا، بے ترتیب اور بہت متاخر تھا جس سے کوئی نفع حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی مادّی ترقی ہو پائی نہ ہی یہ اس قابل تھا کہ اس سے وہ کمزوری دور ہو پاتی جس میں امت اور ریاست گھری ہوئی تھی۔ یوروپ کی ترقی سے کچھ کرنے یا نہ کرنے میں مسلمانوں کا تذبذب اس وجہ سے تھا کہ مسلمان سائنس اور تہذیب میں فرق نہیں کر پا رہے اور نہ ہی تہذیب اور تمدن میں تمیز کر پا رہے تھے، چنانچہ یوروپ کی ترقی پر یوں پھٹی پھٹی آنکھوں سے دیکھ رہے تھے کہ اسے اختیار کریں یا نہ کریں۔ مسلمانوں میں بہت لوگوں کی یہ رائے تھی کہ یہ سب کا سب اسلام سے ٹکراتا ہے، لہٰذا اُنہوں نے یہ صداء دی کہ اس کا اخذ کرنا حرام ہے۔ حد ہو گئی کہ جب چھپائی کے کارخانے (Printing Presses) آئے تو اور حکومت نے اُن میں قرآن کریم چھپوانے کا ارادہ کیا تو فقہاء کرام نے اسے حرام قرار دیا!ہر نئی چیز کے حرام ہونے کے فتوے دئے گئے اور ہر شخص جو نئی سائنس پڑھتا اُس کو کافر قرار دے دیا جاتا!، اہل فکر پر زندیق یا ملحد ہونے کا الزام لگا دیا جاتا۔ اس کے برخلاف بہت چھوٹی سی تعداد ایسے لوگوں کی بھی تھی جو یوروپ کی ہر چیز لینے کی ضرورت کی بات کرتے تھے، خواہ وہ جدید سائنس ہو، تہذیب ہو یا تمدن، یہ وہ لوگ تھے جو یا تو مغرب کے تعلیم یافتہ تھے یا پھر اِنہوں نے اُن عیسائی مشنری اسکولوں ( Christian Missionary Schools)میں پڑھا تھا جو اسلامی ممالک میں پہلے ہی داخل ہو چکے تھے۔ ایسے لوگوں کا بہرحال عوام میں کوئی اثر رسوخ نہیں تھا۔ عوام کی اکثریت اس بات کی خواہاں تھی کہ کسی طرح اسلام اور مغربی سائنس، تہذیب اور تمدن میں ہم آہنگی یا ٹکراؤ نہ ہونے کی کوئی شکل نکالی جائے۔ ریاستِ عثمانی کے آخری ایام میں یہ خیال لوگوں میں غالب تھا کہ مغرب کی یہ ترقی اسلام ہی کی دین ہے اور یہ کہ اسلام کسی بھی چیز کو جواسلام کے موافق ہو اختیار کرنے سے نہیں روکتا اور نہ کسی ایسی چیز کے اپنانے میں کوئی حرج ہے جو اسلام کے مخالف نہ ہو۔ مغرب نے ان خیالات کو خوب ہوا دی یہاں تک کہ عوام اور تعلیم یافتہ طبقہ اسی خیال کے ماننے والے ہو گئے، اِن میں علماء اور فقہاء بھی شامل تھے اور اِن لوگوں کو علمائے عصری اور مصلحون(Reformists)کہا جاتا تھا۔ اسلامی مغربی تہذیبوں میں کھلے ہوئے ٹکراؤ اور مغربی ثقافت اور اس کے زندگی کے متعلق زاویۂ نظر، اوراسلامی ثقافت اور اس کے زندگی کے متعلق زاویۂ نظر میں واضح تناقض ہونے کے باعث اِن دونوں تہذیبوں اور ثقافتوں میں کسی قسم کی ہم آہنگی پیدا کرنا ممکن ہی نہیں تھا، کیونکہ دونوں کے زندگی کے متعلق نظریات میں زمین آسمان کا فرق تھا۔ صنانصہ ایسے لوگ جو کسی نہ کسی طرح اِن متضاد مبادی میں ہم آہنگی پیدا کرنا چاہتے تھے وہ اسلام سے دور اور مغربی تہذیب سے قریب تر ہوتے گئے گو کہ اُن کے ذہنوں میں اُس تہذیب سے بھی کچھ پراگندگی تھی۔ اس کے نتیجے میں جدید سائنس، صنعت کاری اور ایجادات کی جانب غفلت برتی گئی۔ اسلام کے اسطرح صحیح فہم کے امت میں ناپید ہونے کے باعث امت اِن متناقض افکار کے متعلق کسی متعین نتیجے تک نہ پہنچ سکی اور ترقی کے اِن وسائل، صنعت کاری اور سائنس کو اختیار بھی نہ کر سکی۔ اس کی یہ کمزوری چھپی بھی نہ رہ پائی یہاں تک کہ وہ خود اپنے وجود کی حفاظت کرنے سے بھی قاصر ہو گئی۔ دشمنانِ ریاست اب ریاست کو حصہ بہ حصہ ہڑپ کرنے لگے اور ریاست خاموشی سے یہ دیکھتی رہی جیسے کہ ہتھیار ڈال دئے ہوں۔ ادھر عیسائی مشنریاں علم کے نام پر ریاست کے ہر کونے میں داخل ہو چکی تھیں اور اپنے خیالات کی ترویج کر کے مسلمانوں کی صفوں میں انتشار پھیلا رہی تھیں اور فتنے کی آگ کو بھڑکا رہی تھیں۔ اسی دوران متعدد ایسی تحریکات جو ریاست میں مغربی ایجنڈے کے مطابق کام رہی تھیں وہ کامیاب ہوئیں اور مسلمانوں میں قوم پرستی کے جذبات بھڑکائے جن کا اثر ریاست کے ہر کونے میں جیسے بلقانؔ(موجودہ بوسنیا، سربیا وغیرہ)، ترکی، عرب علاقے ارمینیاؔ کر دستانؔ وغیرہ میں ہوا اور عثمانی ریاست اس قوم پرستانہ احساسات سے تباہ ہو گئی۔ ۱۹۱۴ ء کے شروع ہوتے وقت یہ ریاست بالکل نابود ہونے کے دہانے پر کھڑی تھی، پہلی عالمی جنگ میں یہ داخل تو ہوئی لیکن شکست ہی ہاتھ لگی اور اس ریاست کے ٹکڑیہ کر دئے گئے۔ مغربی ممالک کا وہ خواب پورا ہو گیا جو وہ صدیوں سے بس دیکھ ہی رہے تھے جو یہ تھا کہ اسلامی ریاست کو تاراج کر کے وہ اسلام کو شکست دیں۔ ریاست کے ختم ہوتے ہی تمام اسلامی علاقوں میں غیر اسلامی حکومتیں قابض ہو گئیں اور مسلمان غیر اسلامی پرچموں کے سائے میں چلے گئے، اُن کے اوپر نظام کفر اور احکام کفر نافذ ہو رہے ہیں اور اُن کی حالت ابتر ہو گئی ہے۔

عیسائی مشنریوں کے حملے

یوروپ نے اسلامی دنیا پر حملے کرنے کے لئے مشنریوں کو تیار کیا اور اِن کے لئے اپنے سالانہ میزانیہ(Budget) میں کثیر مقدار میں رقم مختص کیں، یہ مشنریاں اسلامی دنیا میں علم پھیلانے کا ظاہری بہانہ لیکر داخل ہوئی تھیں۔ بالفاظِ دیگر یہ علم پھیلانے اور انسانی ہمدردیوں کے نام پر مغرب کی طرف سے اسلامی دنیا کو اپنی نوآبادیات بنانے کا ایک قدم تھا۔ ان ہی مشنریوں کی آڑ میں سیاسی مخبریوں کے ادارے داخل ہو پائے اور اِن کے بھیس میں تہذیبی سطح پر اسلامی علاقے میں نوآبادیاں قائم ہوئیں اور یہ مشنریاں بالآخر مغربی نوآبادی سازش کا پیش خیمہ ثابت ہوئیں، اِن ہی کے ذریعے مغربی ممالک کو اسلامی ریاست میں داخلہ ملا اور یہی اسلامی ریاست کے لئے مہلک ثابت ہوئیں۔ یہ مشنریاں اسلامی ریاست کے کئی علاقوں میں پھیلی ہوئی تھیں اور اِن کی اکثریت برطانوی، فرانسسی اور امریکی تھی۔ ان مشنریوں کے توسط سے برطانوی اور فرانسسی اثر اسلامی ریاست میں راسخ ہوا اور اِن ہی نے اسلامی ریاست میں متعدد ایسی تحریکوں کو جنم دیا جو مسلمانوں میں اپنے اپنے قومیت کے جذبات کو ہوا دے رہی تھیں، یعنی ترکوں میں ترک قومیت کے جذبات اور عربوں میں عرب قومیت کے۔ تعلیم یافتہ مسلمانوں کے ذہنوں کو خوب متاثر کیا گیا، اس کے دو اہم مقاصد تھے، پہلی غرض یہ تھی کہ عربوں کو اسلامی عثمانیہ ریاست سے الگ یھلگ کر دینا، اس کے لئے اُنہوں نے ترکوں کو اُن کا ترک ہونے کا نعرہ دیا اور اُن کے جذبات اِس نعرے سے منسلک کئے۔ دوسرا مقصد تمام مسلمانوں کو اُن کے آپس میں ربط کے حقیقی اور واحد محرک سے جو کہ اسلام ہے، اس سے جذباتی طور پر جدا کر دینا۔ پہلے مقصد میں تو اُنہیں کامیابی حاصل ہوئی لیکن دوسرا مقصد پورا نہیں ہو پایا، چنانچہ اسے اِن ہی تُرک، عرب اور فارسی قومیت پر مبنی تحریکوں کے لئے چھوڑ دیا گیا کہ اب وہ مشنریوں کی جانشین کی حیثیت سے اس کام کو تکمیل تک پہنچائیں اور امتِ مسلمہ میں شگاف ڈال دیں اور مسلمانوں کو اپنے مبداء سے غافل کر دیں۔ یہ مشنریاں مختلف مراحل طے کرتے ہوئے اپنے ایجنڈے پر چل رہی تھیں اور اِن کے کام کے اثرات امتِ مسلمہ کے افکار پر سر چڑھ کر بول رہے تھے۔ اِن مشنریوں اور اِن کی پیدا کردہ قومیت کی تحریکوں کا سبب ہے کہ ہم مسلمان آج ترقی کے بجائے تنزل اور کمزوری کا شکار ہوئے ہیں۔ امتِ مسلمہ اور ترقی کے درمیان حائل دیوار کی پہلی اینٹ اِن نوآبادیاتی ممالک نے مشنریوں اور اِن تحریکوں کے واسطے ہی سے رکھی تھی اور آج یہی دیوار مسلمانوں اور اُن کے مبداء یعنی اسلام کے درمیان رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
مغربی ممالک کے لئے جو چیز اِن مشنریوں کو عالمِ اسلام میں اتارنے کے لئے محرک بنی وہ دراصل صلیبی جنگیں تھیں جن میں یوروپ کو مسلمانوں کی جہاد پر استقامت اور دلیری کے باعث جو شکست جھیلنا پڑی تھی وہ کارفرما تھی۔ صلیبی جنگوں میں جب عیسائیوں کا مسلمانوں سے مقابلہ ہوا تو عیسائی دو اہم امور پر انحصار کر رہے تھے جو ان کی اپنی دانست میں مسلمانوں اور اسلام کا ہمیشہ کے لئے کام تمام کرنے والے تھے :
اُن کا پہلا اعتماد اس بات پر تھا کہ عالمِ اسلامی میں بالخصوص شامؔ میں کثیر تعداد میں عیسائی بسے ہوئے تھے جو اپنے دین پر قائم تھے، مغربی ممالک کو یہ بھروسہ تھا کہ ریاستِ اسلامی کے عیسائی اُن کے بھی ہیں چنانچہ وہ اپنے اوپر حاکم مسلمانوں سے بغاوت کریں گے اور مغربی ممالک کے لئے جاسوسی بھی کریں گے کیونکہ اُن ممالک صلیبی جنگیں مذہبی جذبات کو بھڑکا کر لڑ رہے تھے۔
اس کے علاوہ دوسری اہم بات اُن کے نزدیک اُن کی بے پناہ طاقت اور فوجیوں کی کثیر تعداد تھی۔ جبکہ مسلمان تنزل اور آپسی انتشار کا شکار تھے اور اس جنگ کے لئے آمادہ بھی نہیں تھے۔ اس بناء پر عیسائیوں نے یہ امید باندھ رکھی تھی کہ اُنہیں اس ایک لڑائی میں شکست دے دی جائے تو پھر مسلمان کبھی اُن سے مقابلہ نہ کر پائیں گے اور مسلمانوں اور اسلام پر ہمیشہ کے لئے قابو پا لیا جائے گا۔ لیکن اُن کی امیدیں اور خواب بر نہیں آئے۔ اُن کی امیدوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب دورانِ اُنہوں نے دیکھا کہ اُن کے اپنے عیسائی بھائی مسلمانوں کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے لڑ رہے ہیں اور اُن پر مغربی ممالک کے سارے حربے ناکام ہو گئے۔ یہ عیسائی مسلمانوں کے ساتھ اسلامی ریاست میں رہتے تھے اور اُن پر بھی وہی اسلامی احکام و قوانین نافذ ہوا کرتے تھے جو مسلمانوں ہوتے تھے۔ ریاستِ اسلامی میں بسنے والے اِن عیسائیوں کے حقوق و فرائض مسلمانوں ہی کی مانند تھے۔ مسلمان اُن کے ساتھ جڑ کر رہتے تھے، کھانے ساتھ کھاتے تھے، عیسائی لڑکیوں سے شادیوں کرتے تھے۔ زندگی کے میدان میں مسلمان و عیسائی ساتھ ساتھ تھے کیونکہ اسلام نے اپنی ریاست میں غیر مسلموں کے حقوق کی مکمل ضمانت دی ہے اور مسلمان خلفاء اور حکام نے ہمیشہ اس کی پاسداری کی ہے۔ علامہ ابن حزمؔ رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں :
’’یہ ذمیوں کا حق ہے کہ ہم کسی باہری حملے کی صورت میں اُن کا دفاع کریں چاہے اس میں ہمیں اپنی جانیں ہی دینا پڑیں۔ اس میں کوئی بھی کوتاہی ذمیوں کے حقوق سے غفلت کے مترادف ہو گی‘‘۔
اسی موضوع پر علامہ القرافیؔ نے لکھا ہے :
’’مسلمانوں پر یہ واجب ہے کہ وہ ذمیوں میں کمزوروں کے ساتھ رواداری کا سلوک کریں، اُن کے غرباء کی اعانت کریں، بھوکوں کو کھانا کھلائیں، ننگے کو لباس پہنائیں اور اُنہیں نرمی سے مخاطب کریں۔ کسی پڑوسی ذمی کے ذریعے پہنچائی گئی اذیت پر اپنی جوابی طاقت کے باوجود تحمل سے کام لیں۔ یہ سب اُن سے حسنِ رفاقت کے جذبے سے ہو، کسی خوف، دباؤ یا اُن کی تعظیم کے سبب نہیں۔ اُن کے معاملات میں اُنہیں خلوصِ دل سے بہتر مشورہ دیں۔ اُنہیں کوئی نقصان پہنچے تو اُن کا دفاع کریں۔ اُن کے اموال، گھربار، اُن کے اثاثوں کی، اُن کے حقوق اور مفادات کی حفاظت کریں، اور ہر وہ کام کریں جو حسن اخلاق کا تقاضا ہو‘‘۔
یہ تمام وہ محرکات تھے جن کے باعث ریاستِ اسلامی میں بسنے والے عیسائی بھی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اپنے ہی عیسائی بھائیوں کے خلاف لڑ رہے تھے۔ اس لڑائی سے پہلے جو انہوں نے دو بڑی امیدیں باندھ رکھی تھیں جب اُن سے دوسری یعنی اگر مسلمانوں کو ایک لڑائی میں شکست دے دی جائے تو پھر مسلمان کبھی اُن سے مقابلہ نہ کر پائیں گے اور مسلمانوں اور اسلام پر ہمیشہ کے لئے قابو پا لیا جائے گا، جب یہ ناکام ہوئی تو اُن کی دہشت قابلِ دید تھی۔ عیسائیوں نے مسلمانوں کو شکست دے کر شامؔ پر قبضہ کر لیا تھا اور اپنی فتح کے بعد مسلمانوں پر بہت مظالم ڈھائے اور خوب خباثت کی۔ یہ پہلے لوگ تھے جنہوں مسلمانوں کو اپنے ہی وطن سے نکل جانے پر مجبور کر دیا تھا اور اس کے بعد جب بھی انہوں نے مسلمانوں کو شکست دی یہی کرتے آئے ہیں اور آج تک جاری ہے، جیسا کہ فلسطین ؔ میں ہوا۔ بہرحال اس فتح کے بعد وہ یہ سمجھنے لگے کہ مسلمانوں کا خاتمہ ہو گیا اور اب وہ کبھی اُٹھ نہ پائیں گے۔ لیکن اب مسلمان دشمن کو اپنی ریاست سے نکال پھینکنے پر مصر تھے۔ لہٰذا باوجود اس کے کہ وہ لوگ وہاں تقریباً دو سو سال تک قابض رہے اور شام ؔ میں اپنی امارت اور صوبے قائم کر لئے، مسلمان بالآخر اُن کو وہاں سے نکال باہر کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اب مغربی ممالک نے اپنی حکمتِ عملی پر غور کیا اور اس تحقیق میں لگے کہ مسلمانوں کی اس عظیم قوت کا راز کیا ہے ؟اپنی تحقیق سے اُنہوں نے نتیجہ نکالا کہ اسلام سے مسلمانوں کا عقیدہ ہی اُن کی اس اس طاقت کا منبع ہے اور اسلام کے احکام جو اسلامی ریاست میں غیر مسلموں پر بھی نافذ کئے جاتے ہیں اور اُن کے حقوق کی ضمانت دی جاتی ہے جس کے باعث ریاست کی مسلم اور غیر مسلم رعایا میں گہرے رشتے بنتے ہیں۔ اپنی اس دریافت کے نتیجے میں اب یہ کافر مستعمرین(Colonialists) عالمِ اسلام سے بر سرِ پیکار ہونے کے لئے نئی تدابیر سوچنے لگے۔ اُن کی اس نئی کاوش کا نتیجہ ہی یہ مشنریاں تھیں جن کے ذریعے وہ ایک طرف تو اسلامی ریاست میں رہنے والے عیسائیوں کو اپنی جانب مائل کرنا چاہتے تھے اور دوسری طرف اُن کا منشاء یہ تھا کہ مسلمانوں کے دلوں میں اسلام کے تعلق سے شکوک بو دئے جائیں اور عقیدہ متزلزل ہو جائے اور مسلم و غیر مسلم رعایا کا آپسی رابطہ متاثر ہو اور مسلمانوں کی قوت بکھر جائے۔
اپنی اس سازش کو اُنہوں واقعی عملی جامہ بھی پہنایا اور سولہویں صدی عیسوی کے اواخر میں جزیرہ مالٹاؔ میں مشنریوں کا بہت بڑا مرکز کھولا اور اسے عالمِ اسلام میں مشنریوں کا قاعدہ(Base) بنایا جہاں سے سارے عالم میں مشنری بھیجے جاتے تھے۔ جب مالٹا میں انہیں ایک مدت ہو گئی اور وہ اچھی طرح جم گئے تو اُنہوں نے یہ اپنی کار روائیاں وسیع تر کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو ۱۶۲۵ ء میں وہ شامؔ منتقل ہو گئے اور کوششیں کیں کہ وہاں اس تحریک کو وسیع کیا جائے۔ اس وقت اُس کی کار روائیاں بہرحال محدود تھیں، یا تو چند چھوٹے چھوٹے مدارس تھے یا کچھ دینی کتابیں شائع ہو رہی تھیں۔ ان مشنریوں کو اپنے کام میں تمام لوگوں کی مخالفت اور معاندانہ رویہ کی وجہ سے بہت مشقّتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود یہ لوگ ۱۷۷۳ ء کسی نہ کسی طرح ٹکے رہے، جب اِن یسوعی مشنری جمعیتوں (Jesuit Missionary Institutions)کو بجز کچھ چھوٹی مشنریوں کے جن میں العازری ؔ مشن شامل تھا، ممنوع قرار دیا دیا گیا اور باوجود اِن کی موجودگی کے، مشنریوں کا اثر زائل ہو گیا تھا۔ پھر ۱۸۲۰ ء تک ان کا وجود صرف مالٹاؔ ہی میں سمٹا رہا اور اس سال انہوں نے بیروتؔ میں اپنا پہلا مرکز قائم کیا اور اپنی کاروائیاں وہاں کئی مشکلات کے باوجود یہ مشنریاں اپنے کام میں لگی رہیں۔ ان کا پہلا قدم دینی اور ثقافتی تبلیغ کا تھا جبکہ تعلیم کی جانب معمولی توجہ دے رہے تھے۔ یہ مشنریاں ۱۸۳۴ ء میں شامؔ کے کونے کونے تک پھیل گئیں، لبنان میں عنتورؔہ کے مقام پر کالیج کھلا، مشنریوں کے امریکیمشن نے اپنا مطبع خانہ(Printing Press) مالٹا سے بیروت منتقل کر لیا تاکہ کتابیں یہیں چھپ کر تقسیم کی جا سکیں۔ اس وقت مشہورِ امانہ امریکی مشنری ایلی سمتھؔ کی کاروائیاں زوروں پر تھیں۔ یہ شخص مالٹا میں رضاکار تھا اور مشن کے مطبع خانے کی ذمہ داری سنبھالتا تھا، ۱۸۲۷ ء میں یہ بیروت آیا لیکن ایک سال کے اندر اندر خوف اور اکتاہٹ سے پریشان ہو کر مالٹا لوٹ گیا۔ ۱۸۳۴ ء میں یہ اپنی بیوی کے ساتھ بیروت لوٹا اور لڑکیوں کے لئے اسکول شروع کیا۔ اس کے کام کا دائرہ بڑھتا گیا، پورے شام میں اور خاص کر بیروت میں اس کی سرگرمیاں تیز تھیں، اس نے اپنی ساری زندگی اسی کام کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ اس قسم کی اور دیگر کاوشیں ہوئیں اور مشنریوں کے قدم وہاں جم گئے۔ اسی اثناء میں ابراہیم پاشا نے ابتدائی تعلیم کے لئے ایک مخصوص طرز (Syllabus)اختیار کیا جو مصر میں بھی اپنایا جا چکا تھا اور فرانس میں رائج ابتدائی تعلیم کی نہج پر تھا۔ عیسائی مشنریوں نے اس موقع کو خوب سمجھا اور اس میں بھرپور تعاون کیا جس سے انہیں بہت فروغ ملا، مشنریوں نے اس کام میں اپنے مطبع خانے کا بھی خوب استعمال کیا اور عوام کو آزادی مذہب کے نام پر ایک دوسرے کے خلاف اکسایا جس سے عوام کا ہر مذہبی طبقہ دوسرے کا مخالف ہو۔ پھر اُنہوں نے مسلمانوں عیسائیوں اور دروزوں میں ایسی مذہبی رسمیں فروغ کیں جو عقائدسے متعلق تھیں۔
اب ۱۸۴۰ ء میں جب ابراہیم پاشا نے شام کو چھوڑا تو عوام میں مایوسی، اضطراب اور انتشار پھیلنے لگا اور ایک دوسرے سے الگ ہوتے گئے، جس کا فائدہ ان مشنریوں نے جم کر اُٹھایا، پھر یہ کہ کیونکہ عثمانی ریاست کا رسوخ شام میں کمزور ہو گیا تھا تو اس موقع کو غنیمت جان کر خوب فتنے بھڑکائے گئے اور ۱۸۴۱ ء کے شروع تک یہ آگ اتنی بھڑکی کہ لبنان کے علاقے میں عیسائیوں اور دروزوں کے درمیان شدید لڑائیاں ہونے لگیں۔ ان لڑائیوں کی شدت اتنی تھی کہ خود ریاستِ عثمانی اس سے متاثر ہوئی اور بیونی طاقتوں کے شدید دباؤ کے سامنے اس نے لبنان کے ان فرقوں کے لئے علیحدہ علیحدہ نظام اور دونوں قسموں کے لئے الگ الگ حاکم مقرر کر دئے۔ اس تنازعہ میں برطانیہ اور فرانس پیش پیش تھے اور خوب آگ بھڑکا رہے تھے تاکہ اس پر قابو پانے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہو سکے۔ یہ دونوں ممالک اس فتنے کو زیادہ سے زیادہ ہوا دینے کی کوششیں کرتے تاکہ اس کی آڑمیں وہ لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر سکیں۔ برطانیہ اس تنازعہ میں دروزوں کی طرفداری کر رہا تھا جب کہ مارونی عیسائیوں (Maronite Christians) کو فرانس کی حمایت حاصل تھی۔ اس کے سبب ۱۸۴۵ ء میں یہ فتنے پھر بھڑکے اور بڑی ہولناک تباہیوں پر منتج ہوئے جن میں کلیساؤں (Church) اور خانقاہوں (Monastries) کو بھی نہیں بخشا گیا جہاں چوریاں اور قتل کئے گئے اور حکومتِ عثمانیہ کو اپنے مخصوص نمائندے کو فتنے پر قابو پانے کے لئے مطلق اختیارات کے ساتھ بھیجنا پڑا۔ لیکن وہ کچھ اپنے مطلق اختیارات کے باوجود بجز شدّت میں برائے نام تخفیف کے کچھ خاص نہ کر پایا۔ ادھر مشنریوں کی سرگرمیاں بڑھتی جا رہی تھیں اور ۱۸۵۷ ء میں مارونی عیسائیوں نے مسلح سرگرمیاں تیز کر دیں اور انقلاب کی کوشش کرنے لگے۔ مارونی عیسائی پادریوں نے کسانوں کو زمینداروں کے خلاف بھڑکایا اور شمالی لبنان میں زمینداروں پر نہایت پر تشدّد حملے ہوئے جس سے وہاں انقلابی حالت پیدا ہو گئی جو پھیل کر کر جنوبی لبنان تک میں بھڑکنے لگی جہاں عیسائی کسانوں نے دروز زمینداروں کے خلاف قتل و غارت کیا۔ اس میں بھی برطانیہ اپنے حامی دروزوں کی اور فرانس اپنے ہمنوا مارونی عیسائیوں کی حمایت سے یہ فتنہ مزید علاقوں میں پھیلا۔ اب پورا کا پورا لبنان اس کی زد میں تھا، دروز ہر جگہ عیسائیوں اور اُن کے پادریوں کو قتل کر رہے تھے۔ اس فتنے میں ہزاروں عام عیسائی یا قتل ہوئے یا بے گھر، بے ساز و سامان ہو گئے۔ اس فتنے کی لہر صرف لبنان تک کیسے محدود رہ سکتی تھی؟ بالآخر اس نے شام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں عیسائیوں اور مسلمانوں کے درمیان نفرتیں اس قدر بھڑکائی گئیں کہ مسلمانوں نے جولائی ۱۸۶۰ ء میں عیسائی علاقے پر خوں ریز حملہ کیا اور بڑے پیمانے پر لوگ ذبح ہوئے، ساتھ ساتھ تخریب کاری اور لوٹ مار کی وارداتیں انجام دی گئیں۔ آخر کار حکومت کو مداخلت کرنا پڑی اور قوت کے زور پر اس خوں ریزی کو روکا گیا۔ باوجود کہ یہ فتنہ تھم گیا اور لگنے لگا کہ یہ اپنی انتہاء کو پہنچا، اِن مغربی ممالک نے محسوس کیا کہ یہی فتنہ ہے جس کے باعث وہ لوگ شام ؔ کے معاملات میں مداخلت کر سکتے ہیں، چنانچہ اُنہوں اپنے جنگی بیڑے شام کے ساحل پر بھیج دئے۔ اگلے ہی ماہ یعنی اگست میں فرانس نے اپنی زمینی فوجیں بھیجیں جو بیروت پر نازل ہوئیں اور انقلاب پر قابو پانے کی کوشش میں جٹ گئی۔ اس طرح عثمانی ریاست کو مغربی ممالک کے پیدا کردہ خانہ جنگی کے بحران سے دوچار ہونا پڑا جسے اِن مغربی ممالک نے شام میں اپنے داخلے کو ممکن بنانے کے لئے ہی پیدا کیا تھا۔ اب وہ داخل ہو چکے تھے اور عثمانی خلافت کو مجبور کر رہے تھے کہ شام کے لئے وہ (شریعت اسلامی سے جدا) ایک مخصوص نظام وضع کرے، اور شام کو دو مختلف صوبوں میں بانٹ دے۔ اس طرح لبنان کو خصوصی مراعات دلائی گئیں اور لبنان شام کے دوسرے حصوں سے جدا علیحدہ خود مختار صوبہ بن گیا، اس کا اپنا مقامی حکومت کا نظام تھا اور ایک عیسائی حاکم کے زیر قیادت چلتا تھا۔ اس حاکم کی معاونت کے لئے ایک نفاذی کونسل بنائی گئی جس میں مقامی باشندے عوام کے نمائندوں کی حیثیت سے ارکان ہوتے تھے۔ اسی وقت سے مغربی ممالک لبنان کی سرپرستی کر رہے ہیں اور اسے اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنا لیا ہے۔ اپنے اسی مرکز کو استعمال کر کے مغربی ممالک نے ریاستِ اسلامی کے قلب اور تمام ریاست میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔
اس اثناء میں مشنریوں کی سرگرمیاں ایک نئے روپ میں سامنے آئیں جو پچھلی سرگرمیوں سے جدا تھا۔ اس نئے طرزِ عمل میں اب صرف مدرسوں، اسپتالوں اور مطبع خانوں تک محدود نہ تھا بلکہ امریکی مشن نے ۱۸۴۲ ء میں اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے اور تنظیمات تک پھیلایا۔ اُنہوں نے ایک کمیٹی تشکیل کی جس کا کام سائنسی علوم پر مبنی تنظیموں کا قائم کرنا تھا۔ اس کمیٹی نے پانچ سال تک اپنے کام کو آگے بڑھایا اور ۱۸۴۷ ء میں اس نے ایک جمعیت بنائی جس کا نام ’’جمعیت علوم و فنون‘‘ یعنی سائنسی علوم اور آرٹس کی جمعیت رکھا گیا۔ اس تنظیم میں ناصیف الیازجی، بطرس البستانی جو لبنان کی عیسائی تھے ا نہیں بحیثیت عرب ارکان کے رکھا گیا، اس کے علاوہ دو امریکی یعنی ایلی اسمتھاور کورنیلیئس وان ڈائک اور ایک انگریز کرنل چرچل اس کے ممبران تھے۔ اس جمعیت کے مقاصد آغاز میں غیر واضح اور مبہم تھے، یہ جمعیت اونچے درجے کی کلاسوں کو سائنس پڑھاتے تھے اور کچھ بچوں کو سائنس کی تعلیم د ے رہے تھے اور اُن طلباء کو یہ مغربی تہذیب اختیار کرنے کی ترغیب دیا کرتے تھے اور اپنے ایجنڈے کے مطابق ر اُن کی فکر کو متاثر کرنے کی پوری کوشش کر رہے تھے۔ ان کی اس بھرپور کوشش کے باوجود پورے شام سے یہ لوگ کل پچاس ممبر ہی جُٹا پائے اور اس میں بھی اُنہیں دو سال کا عرصہ لگ گیا۔ یہ سارے کے سارے ممبران عیسائی تھے اور زیادہ تر بیروت شہر کے رہنے والے، ان میں کوئی بھی مسلمان یا دروز شامل نہیں ہوا تھا۔ ان کی تمام کاوشیں رنگ نہ لا سکیں اور بالآخر یہ جمعیت اپنے قائم ہونے کے پانچ سال میں ختم ہو گئی۔ لیکن مشنریوں میں مزید کوشش کر کے اسی قسم کی دوسری جمعیات بنانے کا جذبہ ختم نہیں ہوا۔ ۱۸۵۰ ء میں فرانسسی یسوعی مشنری ہنری دوبرنیئر کی قیادت میں ایک اور جمعیت شروع کی گئی جس کا نام جمعیت الشرقیہ رکھا گیا۔ یہ بھی جمعیت العلوم و الفنون کی طرز پر تھی اور یہ بھی طویل عرصہ چل نہ سکی۔ اِن کے علاوہ اس قسم کے اور تجربات ہوئے متعدد جمعیات قائم کی گئیں لیکن وہ سب کی سب لاحاصل رہیں۔ ۱۸۵۷ ء میں ایک اور جمعیت قائم کی گئی جو پچھلی تمام جمعیات سے اس طرح مختلف تھی کہ اس کے تمام بانی اصلاً عرب تھے اور اس میں کسی بھی بیرونی شخصیت کو رکن نہیں بنایا گیا تھا اور اسی وجہ سے بعض مسلمانوں اور دروز نے اس کی رکنیت اختیار لی جنہیں عرب ہونے کی حیثیت سے اس جمعیت میں داخل کر لیا گیا۔ اس جمعیت کا نام’’ الجمیعۃ العلمیۃ السوریۃ ‘‘یعنی سیریائی سائنسی جمعیت رکھا گیا، اس کی ساخت کیونکہ عرب تھی اور کوئی مغربی یا بیرونی شخص اس کا رکن نہیں تھا لہٰذا اس جمعیت کو سابقہ تجربات کی بہ نسبت زیادہ قبولیت حاصل ہوئی اور اس نے عوام کو قدرے متاثر بھی کیا۔ اس کی سرگرمیوں کی نوعیت بھی مختلف تھی، پھر اس کی مقامی ساخت، چنانچہ اس میں قریب ایک سو پچاس افراد نے شرکت اختیار کی جن میں عبروں کی نامی گرامی شخصیات شامل تھیں مثلاً دروز کے محمد ارسلاؔن، مسلمانوں کیحسین بیہمؔ، ان کے علاوہ عرب عیسائیوں کے سبھی گروہ اس میں شامل تھے جیسے ابراہیم الیازجیؔ، اور ابن بطرس البستانیؔ۔ یہ جمعیت سابقہ جمعیات کے مقابلہ زیادہ عرصہ تک چلی اور اس کی سرگریاں اس طرح ترتیب دی گئیں تھیں کہ ہر فرقے کے لوگ اس میں شامل ہوں اور اُن میں قومیت کا تعصب گھر کر جائے۔ لیکن ساتھ ساتھ وہ اپنے اصل ایجنڈے کے مطابق مغربی ممالک کے استعماری اور مشنری پروگرام کو بھی فروغ دے رہے تھے اور اس کے ذریعے مغربی تہذیب سے نہ صرف لوگوں کو آشنا کرتے بلکہ اُن میں اپنی تہذیب کا شوق رچا بسا رہے تھے۔ ۱۸۷۵ ء کے دوران بیروت میں ایک خفیہ تنظیم بنائی گئی جس کا نام الجمعیۃ السِّرِّیَّۃ تھا اور میدانِ عمل سیاسی نوعیت کا تھا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ لوگوں میں عرب قومیت کے جذبات اُبلنے لگیں۔ اس کے بانی بیروت کے پروٹیسٹینٹ کالج سے فارغ پانچ نوجوان تھے جنہیں مشنریاں اپنے رنگ ڈھنگ میں ڈھالنے میں کامیاب رہی تھیں اور یہ سب کے سب عیسائی تھے، اس کے بعد اس خفیہ تنظیم نے چند لوگوں کو شامل کیا۔ یہ تنظیم اپنے جاری کردہ پمفلیٹوں اور منشوروں کے ذریعے عرب قومیت اور عربوں کی بالخصوص سیریا اور لبنان کی سیاسی آزادی کے لئے جد و جہد کر رہی تھی۔ ان ظاہر مقاصد کے سوا یہ تنظیم اُن لوگوں کو جو اس کے حلقۂ اثر میں آتے ایسی تربیت کرتی کہ اُن میں مبہم خواہشات اور مصنوعی توقعات جاگ جاتیں، جبکہ عام مقاصد میں عربی قوم پرستی اور عربیت میں رچا بسا کر یہ عوام کو خلافتِ عثمانیہ سے بد ظن کیا کرتے تھے۔ یہ مشنریاں عثمانی خلافت کو اسلامی ریاست ہونے کے بجائے لوگوں میں اسے ’’ترکی‘‘ سے تعبیر کرتی تاکہ اس کے برخلاف عربیت لوگوں میں نمایاں ہو سکے۔ ان مقاصد کے ساتھ ساتھ یہ تنظیم لوگوں کے جذبات کو اس طرح سے خطاب کرتی کہ لوگ ریاست کے کاموں سے دین کو بے دخل کرنے کی ذہنیت میں ڈھل جائیں۔ حالانکہ اس تنظیم کے بانی عرب تھے لیکن اُن کے جاری کردہ کتابچہ وغیرہ میں ترکی پر وہ لوگ اپنی دانست میں خلافت کو عربوں سے غصب کر لینے، دین کے احکام سے تجاوز اور اس کی خلاف ورزیاں کرنے کا الزام عائد کرتے تھے۔ ان الزام تراشیوں سے اس جمعیت کے قائم کرنے کے محرکات و مقاصد سامنے آ جاتے ہیں، کہ اس کا مقصد عوام میں بے چینی کے جذبات کو بھڑکانا، دین کے خلاف شکوک و شبہات پیدا کرنا اور اُنہیں ہوا دینا اور ایسے سیاسی ادارے اور تنظیمیں قائم کرنا جن کی بنیاد غیر اسلامی ہو۔
ان تنظیموں کی تاریخ کے کسی بھی مطالعہ کرنے والے کے لئے یہ حقیقت قطعی طور پر ثابت ہو جاتی ہے کہ اِن تمام کی تمام تنظیمات کو اِن ہی مغربی طاقتوں نے جنم دیا، وہی اِ ن کے امور کی دیکھ بھال اور نگرانی کرتے، اور وہی ان تنظیموں کے کتابچہ اور دیگر نشریاتی مواد لکھتے تھے۔ ۲۸ جولائی ۱۸۸۰ ء کو بیروت میں برطانی قونصل نے اپنی حکومت کو ایک برقی تار بھیجا جس میں لکھا تھا:
’’انقلابی پرچے نشر ہو گئے ہیں، لوگ اِن کے پیچھے مدحتؔ کا ہاتھ سمجھ رہے ہیں، بہرحال حالات عام ہیں، تفصیلات مراسلے کے ذریعے ‘‘۔
اس سے پہلے اس جمعیت نے اپنا منشور چھاپ کر بیروت کی سڑکوں پر تقسیم کیا تھا اور اسے دیواروں پر آویزاں بھی کیا تھا۔ اس تار کے بعد بیروت اور دمشق کے قونصل خانوں نے کئی خطوط اپنی حکومت کو ارسال کئے جن میں اِس منشور کی نقلیں بھی شامل کی تھیں۔ یہ تمام نشریات اس جمعیت کی رپورٹوں کی طرح ہیں جو بیروت کے پروٹیسٹینٹ کالیج میں جنمی تھی اور پورے شام میں اس کی سرگرمیاں ہو رہی تھیں۔ گو کہ ان جمعیتوں کا کام سارے عرب علاقوں میں ہو رہا تھا، البتہ یہ شام میں سب سے زیادہ عیاں تھا۔ اس کا ثبوت برطانیہ کے جدہؔ کے قونصل خانے کے سکریٹری کا مراسلہ ہے جو اس نے اپنی حکومت کو لکھا تھا:
’’میرے علم میں آیا ہے کہ مکہ ہی میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو آزادی کی باتیں کر رہے ہیں، جو کچھ میں نے سنا ہے اس سے مجھے لگتا ہے کہ اُن لوگوں کے پاس باقاعدہ منصوبہ ہے کہ علاقۂ نجدؔکو دونوں نہروں کے درمیان علاقے (یعنی جنوبی عراق) کے ساتھ ملا کر اُس پر منصور پاشا کو حاکم بنا دیا جائے اور عسیرؔ و یمنؔ کو متحد کر کے اس پر علی ابن عابد کو بٹھا دیا جائے ‘‘۔
ان حالات میں دلچسپی رکھنے والا برطانیہ کوئی اکیلا ملک نہیں تھا، فرانس بھی ایسے معاملات میں گہری نظر رکھتا تھا۔ ۱۸۸۲ ء میں بیروت میں بسنے فرانسسیوں میں سے ایک کے مراسلے سے ظاہر ہو جاتا ہے کہ فرانس کو ان حالات کی کس قدر فکر اور دلچسپی تھی، چنانچہ لکھا تھا:
’’آزادی کے جذبات بہت زیادہ پھیل رہے ہیں، میں نے اپنے بیروت میں قیام کے دوران دیکھا کہ نوجوان بہت انہماک سے ایسی جماعتیں بنانا چاہتے ہیں جو ہسپتال، اسکول وغیرہ چلائیں اور اپنے ملک کو ترقی دیں۔ یہ جمعیت آپسی فرقہ واریت سے پاک ہے اور عیسائیوں کے لئے اس میں داخلہ کھلا ہے اور یہ اپنے قومی کام میں اُن پر انحصار کرتی ہے ‘‘۔
اسی طرح بغداد میں رہنے والے ایک فرانسسی شہری نے لکھا:
’’ہر مقام پر مجھے ترکوں سے نفرت دیکھنے کو ملی اور یہ سب جگہ ایک ہی پیمانے پر تھی۔ اور ایسی حالت سے چھٹکارا پانے کے لئے اجتماعی سرگرمیاں بس ہونے کے در پر ہیں۔ میں دور آسمانوں میں عربیت کی تحریک کو ابھرتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ یہ لوگ جو اب تک مغلوب تھے، اب اُٹھ رہے ہیں کہ اُنہیں عالمِ اسلام میں اُن کا قدرتی مقام حاصل ہو اور وہ دنیا میں اپنا اپنی جگہ بنائیں۔
سائنس اور دین کے نام پر مشنریوں کے اس حملے میں صرف امریکہ، برطانیہ اور فرانس ہی نہیں تھے بلکہ اِن کے علاوہ اور بھی غیر اسلامی ممالک بھی ان حملوں میں شامل تھے۔ ان میں روس تھا جس نے اپنا مشن شام بھیجا، پرشیا(جرمنی) نے راہبات یعنی سسٹر کا وفد بھیجا جو دوسرے مشنریوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا تھا۔
اِن مختلف ممالک اور اِن کی مشنریوں کے سیاسی نظریات میں واضح اختلاف کے باوجود جو کہ اِن کے اپنے اپنے مفادات سے وابستہ تھے، اِن سب کے مقاصد بالکل یکساں اور آپس میں متفق تھے۔ ان کے مقاصد عالمِ اسلامی میں عیسائیت کی تبلیغ کرنا، مغربی تہذیب کو مسلم علاقوں میں عام کرنا اور مسلمانوں میں اُن کے دین کے بارے میں شکوک و شبہات کو پیدا کر کے اُنہیں ہوا دینا، اُن میں اسلام کی نسبت شکایتی رویہ فروغ دینا، اپنی تاریخ کو نفرت و حقارت سے دیکھنا اور مغرب اور مغربی تہذیب کو عزت کی نگاہ سے دیکھنا۔ یہ تمام ممالک اسلام اور مسلمانوں سے شدید بغض و عناد رکھنے میں مشترک تھے، مسلمانوں کو حقارت سے دیکھتے تھے اور اِنہیں پچھڑی ہوئی بربری قوم مانتے تھے اور یہی سارے یوروپ کی رائے تھی۔ آج جب ہم اِن کے حاصل شدہ نتائج کو دیکھیں تو عالمِ اسلامی میں ہر جگہ پھیلے کفر اور استعمار ہر جگہ اِن کاوشوں کے نتیجے کے طور پر ہمارے سامنے ہوتا ہے۔

صلیبیوں کی عداوت

فرانس کے ایک ادیب جو ایک امتیازی شخصیت بھی تھے کاؤنٹ ہنری ڈی کاسٹری(Count Henri De castri) اپنی کتاب ’’اسلام‘‘ جو ۱۸۹۶ ء میں شائع ہوئی لکھتے ہیں :
’’میں نہیں جانتا کہ اگر مسلمانوں کو ہمارے قرونِ وسطیٰ کے قصوں کا علم ہو جائے اور وہ ہمارے عیسائی مقرروں کے اقوال اور اُن کے نغموں کو سنیں تو وہ کیا سوچیں گے ؟ہمارے تمام نغمے اور کہانیاں جو بارہویں صدی سے پہلے بھی لکھے گئے وہ سب کے سب ایک ہی ایک ہی فکر کے پیدا کردہ ہیں اور یہی فکر صلیبی جنگوں کا سبب بنی، یہ تمام نغمے بس مسلمانوں کی نفرت سے بھرے تھے جو اُن کے دین سے ہماری مکمل جہالت پر مبنی تھے۔ اِن نغموں کے باعث اُن سے ہماری نفرت ذہنوں میں بیٹھ گئی اور یہ نفرت آج بھی ہمارے ذہنوں میں راسخ ہے۔ ہر ایک نغمہ ساز مسلمانوں کو مشرک، غیر مومن، بتوں کا پجاری اور بے دین سمجھتا تھا‘‘۔
اس طرح قرونِ وسطیٰ میں یوروپ کے عیسائی، مسلمانوں اور اُن کے دین کی اس قسم کے ہولناک اور ڈراؤنی منظر کشی کیا کرتے تھے تاکہ عوام کے دل مسلمانوں کے خلاف سخت بغض اور نفرت سے بھر جائیں۔ یہی نفرت و بغض جب عیسائی دنیا پر غالب آئے تو صلیبی جنگوں کی شکل میں پھوٹ پڑے۔ کئی صدیوں بعد جب صلیبی جنگیں ختم ہوئیں تو مسلمانوں نے مغرب پر حملہ کیا اور اسلامی ریاست نے قسطنطنیہؔ فتح ہو گیا۔ پھر سولہویں صدی عیسوی میں یوروپ کے جنوب مشرقی حصوں پر حملہ کیا اور اسلام وہاں پہنچایا، البانیہؔ، یوگوسلاوؔیا اور بلغارؔیہ وغیرہ میں کروڑوں لوگ اللہ کے دین میں داخل ہوئے۔ یوروپ میں پھر مسلمانوں کے خلاف نفرتیں بڑھیں اور مسئلۂ شرق پھر اُن کے سامنے آ کھڑا ہوا۔ اس وقت اس کے معنے مسلم فوجوں کی مزاحمت کرنا، اسلامی فتوحات کو روکنا اور مسلمانوں کے خطرے کو کم کرنا۔ یوروپیوں کے دلوں میں مسلمانوں کے لئے اس راسخ بغض ہی ا ن کے اسلامی ممالکمیں مدارس اور ہسپتالوں، جمعیات اور کلبوں کی آڑ میں مشنریاں بھیجنے کا سبب بنی، جس میں اُنہوں نے کڑی محنتیں اور کثیر رقوم خرچ کیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اپنے آپسی اختلاف اور سیاسی نقطۂ نظر مختلف ہونے کے باوجود وہ یکساں مقصد کی خاطر، اُنہوں نے متحدہ منصوبہ بندی پر اتفاق کیا اور اس معاملے میں وہ ملکی و عوامی سطح پر متفق رہے۔ اتنا ہی نہیں، مزید یہ کہ اس کام میں انہوں مشنریوں کے وفود پر ہی اکتفاء نہ کیا بلکہ اُن کے سفارت خانے اور قونصل خانے بھی یہی کام انجام دے رہے تھے۔
مشنریوں کا مسلمانوں سے یہ عناد جس میں یوروپ اور خاص طور پر برطانیہ شامل تھا اسی سے متاثر ہو کر مغرب نے یہ خطرناک منصوبے بنائے تھے جو آخرکار ہماری ہی سرزمین پر ہماری شرمناک شکست کا موجب بنے اور جنرل النینبیؔ جب ۱۹۱۷ ء میں پہلی عالمی جنگ کے بعدالقدس میں داخل ہوا تو اُس نے کہا:
’’صلیبی جنگیں تو دراصل آج ختم ہوئی ہیں ‘‘۔
حقیقت یہی ہے کہ یہ الفاظ اُس کے دل کی اصل بات ظاہر کر رہے تھے کہ اُس کے دل میں مسلمانوں کے لئے کس قدر عناد تھا اور کتنی نفرت بھری ہوئی تھی۔ فی الحقیقت ہر یوروپی جو اس جنگ میں شامل تھا، خواہ فوجی لحاظ سے یا مشنریوں کے ساتھ، وہ تمام جنرل الینبی کی اس نفرت و عناد میں مشترک تھے۔ اللہ ہمیں اُن کی اس نفرت سے پہلے ہی آگاہ کر چکا ہے، فرمایا:
(قَدْ بَدَتِ الْبَغْضَآء مِنْ اَفْوَھِھِمْ ج صلے وَمَا تُخْفِیْ صُدُوْرُھُمْ اَکْبَرُ ط)
ان کا بغض تو ان کے منہ سے ظاہر ہو چکا ہے، اور جو کچھ ان کے سینے چھپائے ہوئے ہیں وہ تو اس سے بھی بڑھ کر ہے۔ (ترجمہ معانی : سورۂ آل عمران:آیت:۱۱۸)
کوئی شک نہیں کہ جوکچھ جنرل الینبی کے منہ سے نکلا وہ اُس کا بغض تھا اور جو کچھ برطانیہ چھپا رہا تھا، اور جو کچھ ہر یوروپی کے سینے میں تھا، وہ اس سے کہیں زیادہ تھا۔ یہ عناد و نفرت صلیبی جنگوں کے زمانے سے چلا آ رہا تھا اور آج کے دن تک ویسا ہی ہے۔ اسی طرح جو کچھ ہمیں اُن کے ذریعے ہراساں کرنا، ہماری تحقیر، ہماری سرزمینوں پر اُن کا استعمار اور ہمارا استحصال یہ سب اِسی نفرت اور عناد کی سیاسی شکلیں ہیں جو یہ ہم سے بحیثیت مسلمان ہونے کے انتقاماً کر رہے ہیں۔
پروفیسر لیوپولڈ ویس اپنی کتاب ’’اسلام: دورا ہے پر‘‘ (Islam at Crossroads)میں لکھتے ہیں :
’’رینازانس‘‘ یوروپ میں سائنس اور فنون کے احیاء کے لئے مشرق اور مغرب کے درمیان مادیاتی رابطوں کو سراہا جاتا ہے، جبکہ اس کے ایک بڑے حصے کے لئے عرب اور مسلم مصادر کا ہمیں ممنون ہونا چاہئے۔ یوروپ نے اسلامی دنیا سے بہت استفادہ حاصل کیا ہے لیکن کبھی اس نے مسلمانوں کی اس معاونت کو نہ کبھی تسلیم کیا اور نہ شکرگزار رہے، جبکہ مسلمانوں سے اپنی نفرت کی شدت میں کمی کر کے یوروپی ایسا کر سکتے تھے۔ اس کے برعکس اِن کی نفرت کی شدّت بڑھتی گئی اور بعض اوقات بے قابو ہو گئی۔ یہ عناد عوامی سطح پر اُن کے جذبات کا حصہ بن گیا اور فقط ’مسلم، نام لے دینے ہی سے بھڑک اُٹھتی تھی۔ یہی جذبہ لوگوں کی وراثت کا حصہ بنا اور ہر مرد اور عورت کے سینوں کی گہرائیوں میں اُتر گیا، مزید حیرت اس بات ہے کہ یہ نفرت یوروپ میں تہذیبی ارتقاء کے مختلف مراحل طے کرنے کے بعد بھی زندہ رہی۔ اس کے بعد مذہبی اصلاحات کا دور آیا اور یوروپ دو حصوں میں بنٹ گیا، ہر فرقہ دوسرے کے خلاف ہمیشہ پوری طرح مسلح اور لڑائی کے لئے مستعدرہتا، لیکن اِن دونوں فرقوں میں مسلمانوں سے عناد پھر بھی مشترک رہا۔ پھر وہ دور آیا جس میں مذہبی جوش ٹھنڈے پڑ گئے لیکن یہ نفرت پھر بھی اپنی پوری شدت سے قائم رہی، اس کی بہترین مثال فرانس کے فلسفی شاعر و ولٹیئرؔ(Voltaire)سے ملتی ہے جو اٹھارہویں صدی میں چرچ اور عیسائیت کا دشمن مانا جاتا تھا لیکن اس کے باوجود وہ اسلام سے نفرت اور اسلام کے نبی ا سے جسارت کیا کرتا تھا۔ اس کے کچھ دہائیوں بعدایسا وقت آیا کہ مغربی دانشوران نے بیرونی تہذیبوں کا مطالعہ کیا اور قدرے کھلے ذہن سے بعض تہذیبوں سے ہمدردانہ رویہ اختیار کیا، لیکن جب بات اسلام کی آتی تو اُن کی روایتی نفرتیں بھی اِن دانشوران کی اس علمی کاوش میں متعصبانہ طور پر اثر انداز ہو جاتیں اور تاریخ نے جو ایک اونچی دیوار یوروپ اور اسلام کے مابین کھڑی کر رکھی تھی اُس کا تدارک نہ ہو پایا اور اسلام سے نفرت یوروپی ذہنیت کا جزو لا ینفک بن گئی‘‘۔
جن جمعیات کا ذکر ہوا وہ سب اسی نفرت کی بنیاد پر قائم کی گئیں تھیں۔ اسی ہدف سے وہ عیسائی مذہب کی تبلیغ کیا کرتی تھیں اور مسلمانوں کو اسلام سے دور کرنے کی کوشش میں رہتی تھیں۔ اُن کی کاوش یہ ہوتی تھی کہ مسلمانوں کے اندر اسلام کا احترام و وقار کمزور ہو اور وہ اسلام کو اپنی دنیوی کمزوریوں کا سبب سمجھنے لگیں۔ جبکہ اِن کی قائم کردہ جمعیات سیاسی نقطۂ نظر سے کام کرتی تھیں، اور دونوں ہی سطحوں پر ہیبت انگیز نتائج سامنے آئے جو اُن کے لحاظ سے اُن کی توقعات سے کہیں اچھے تھے۔ ان ْسنریوں کے قیام کا مقصد ہی یہ تھا کہ مسلمان اپنے مسائل کے لئے اپنے دین کو موردِ الزام اور قصور وارسمجھیں اور اسلام سے دور ہوتے جائیں، اسلامی احکام کے عملی ہونے کے بارے اُن میں شبہات و وسوسے گھر کر لیں تاکہ مسلمان اللہ کے راستے سے بھٹک جائیں۔ اِن مشنریوں کی معاونت کے لئے اِن کے پیچھے پیچھے مستشرقین (Orientalists)اور استشراق (Orientalism) تھا جن کے اغراض و مقاصد بالکل یکساں تھے۔
یوروپ کی تمام جہوداس جنگ میں اکٹھا ہو گئیں جس کا پہلا حملہ تہذیبی محاذ سے عقل پر کیا گیا تھا کہ اذہان میں اسلام کے احکام اور اس کی اعلیٰ قدروں سے ذہن مشکوک ہو جائیں اور اِن کی جگہ زہر بھر جائے۔ جو کچھ وہ اسلام اور اسلامی تاریخ کے بارے میں کہتے ہیں، ان باتوں کو علمی بحث اور سائنسی تحقیق(Research) کے نام پر مسلمانوں کے ذہن نشین کرایا گیا۔ جبکہ یہ سب ثقافتی زہر ہی تھا جو صلیبی جنگوں سے بھی زیادہ خطرناک تھا۔ ایک طرف مشنری مبلغین یہ زہر سائنس کی علمی بحث اور انسانیت کے نام پر پھیلا رہے رہے تھے تو دوسری جانب مستشرقین یہی کام مشرقیت کے نام پر کر رہے تھے۔ پروفیسر لیپولڈ ویس لکھتے ہیں :
’’حقیقت یہ ہے کہ ابتدائی مستشرقین عیسائی مشنری ہی تھے جو اسلامی ریاست میں کام کر رہے تھے۔ اِن لوگوں نے اسلامی تعلیمات اور تاریخ پر مبنی لیکن ایک منفی اور بگڑی ہوئی تصویر بڑی چالاکی سے وضع کی جس کا مقصد ہی یہ تھا کہ یوروپی اقوام کی مسلمانوں کے بارے میں رائے کو منفی طور سے متاثر کیا جائے۔ حالانکہ بعد میں مشرقیت(Orientalism) مشنری اثر سے آزاد ہو گیا تھا لیکن یہ صورت پھر بھی یوروپیوں کے ذہنوں میں نقش ہو چکی تھی۔ علوم استشراق اپنے اسی دینی تعصب کے باعث اسی جہالت کا شکار رہے جو فی الحقیقت صلیبی جنگوں کا نتیجہ تھا‘‘۔
مغرب کو یہ نفرت اور عناد جو ورثے میں ملا تھا حقیقتاً آج بھی اہل مغرب کی اسلام اور مسلم دشمنی کا سبب بنا ہوا ہے۔ اُن کی وضع کی ہوئی اسلام کی بگڑی تصویر آج بھی رائج ہے اور مسلم ممالک میں بھی بنی ہوئی جس کا شکار غیر مسلموں کے ساتھ خود مسلمان بھی ہیں کہ اسلام انسانیت کے لئے ایک خطرہ ہے جو انسانیت کی اِس ’’ترقی‘‘ کو تباہ کر دے گا۔ اُن کی بنائی ہوئی اسلام کی اس تصویر کی آڑ میں در اصل اُن کا اسلام سے خوف ہے کہ وہ بہت اچھی طرح جانتے ہیں کہ اگر اسلام واقعی لوگوں کے ذہنوں اور دلوں میں راسخ ہو جائے تو اِن کافر مستعمرین کا عالمِ اسلام میں رسوخ زائل ہو جائے گا اور اسلامی ریاست پھر اُٹھ کھڑی ہو گی جو اسلام کی دعوت لے کر سارے عالم تک کما حقہ پہنچائے گی، اور یہ ان شاء اللہ آ کر رہے گی، یہی انسانیت کے مفاد میں ہے اور خود مغرب کے بھی مفاد میں، جس سے اِن مبلغین اور مشنریوں کی ساری محنت بس دھواں بن کر رائے گاؑ جائے گی جو اِن کے لئے شدید حسرت و غم کا باعث ہو گا:
(اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَھُمْ لِیَصُدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ ط فَسَیُنْفِقُوْنَھَا ثُمَّ تَکُوْن عَلَیْھِمْ حَسْرَۃً ثُمَّ یُغْلَبُوْنَ ۵ ط)
بے شک یہ کافر لوگ اپنے مالوں کو اس لئے خرچ کر رہے ہیں کہ اللہ کی راہ سے روکیں سو یہ لوگ تو اپنے مالوں کو خرچ کرتے ہی رہیں گے، پھر وہ مال ان کے حق میں باعثِ حسرت ہو جائیں گے۔ پھر مغلوب ہو جائیں گے۔
(ترجمہ معانی : سورۂ انفال :آیت:۳۶)
یقیناً اِن کی تمام اسلام دشمن تحریکوں اور سرگریوں کا پس منظر اِن کا یہی اسلام اور مسلمانوں سے بغض و عناد ہے جو اِن کا ورثہ ہے۔ اس کے برعکس آپ دیکھ سکتے ہیں کہ مغربی علامہ جب مجوسی، ہندو یا کمیونزم کے بارے میں اپنی علمی تحقیقات کرتے ہیں تو اُن میں وہ بغض و عناد نہیں ملتا اور جب وہی علماء اسلام پر علمی تحقیق کرتے ہیں تو اُن میں وہی نفرت، عناد اور کراہت لوٹ آتی ہے، جبکہ مسلمان اُن سے شدید شکست کھا چکے ہیں اور کافر مستعمرین کے غلبے میں ہیں۔ اس کے باوجود مغربی اصحابِ کنیسہ اور اُن کی پشت پناہی کرتا استعمار، ہمیشہ اسلام کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں، اسلام اور مسلمانوں کو طعن کا نشانہ بناتے ہیں، حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور اُن کے صحابۂ کرامؓ کے بارے میں اوچھی باتیں کرتے ہیں اور اسلام اور مسلمانوں کی تاریخ میں اپنی تہمتیں شامل کر دیتے ہیں، یہ سب وہ اپنے انتقام میں اور استعمار کے قدم جمانے کے لئے ہی کرتے ہیں۔

مشنری حملوں کے اثرات

مشنری حملوں نے ہی یوروپی استعمار کے لئے راستہ ہموار کیا تھا جس پر ثقافتی فتح پا لینے کے بعد یوروپ نے عالمِ اسلام کو سیاسی محاذ پر فتح کیا۔ اس سے قبل مسلمانوں نے اسلامی فکری قیادت کو استنبولؔ اور بلقانؔ فتح کر کے یوروپ تک پہنچائی تھی اور جب سے ہی عالم اسلام مغرب کے نشانے پر رہا ہے، جہاں مغرب نے اپنی فکری قیادت، اپنے افکار اور زندگی کے بارے میں اپنے نقطۂ نظر کے لئے زرخیز زمین پائی اور جسے مغرب نے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا کر کبھی سائنس، کبھی دینی تبلیغ اور کبھی انسانیت کے نام بو دیا۔ اُنہوں نے اپنی تہذیب اور نظریات کی تبلیغ پر اکتفاء نہیں کر لیا بلکہ وہ اِن کی دعوت کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب اور اِس کے نظریات کو اپنے طعن و حقارت کا بھی نشانہ بناتے تھے۔ اس طرح مسلمانوں کا تعلیم یافتہ طبقہ، سیاسی شخصیات اور عام عوام سب کے ذہنوں پر اپنا اثر ثبت کیا۔
تعلیم یافتہ طبقے میں ایک تو وہ لوگ تھے جو اسلامی ریاست کے فتح ہونے سے پہلے ہی مشنریوں کے اسکولوں میں زیرِ تعلیم تھے اور دوسرے وہ لوگ جو ریاست فتح ہو جانے کے بعد جب تمام اسکولوں میں مستعمرین کا نظامِ تعلیم اُنہوں نے رائج کر لیا جہاں وہ اپنے نظریات پر مبنی ثقافت کی تعلیم دیتے تھے۔ پھر مغربی شخصیت کو بنیاد بنا کر مسلمانوں کے ذہنوں کی تربیت کی گئی جس میں وہ اپنی ترقی، احیاء(Renaissances)، اپنی تاریخ اور اپنے سارے مواد کو مسلمانوں کے ذہنوں میں نقش کرتے تھے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ اُنہوں نے نظام تعلیم کی ہر جزئی بات میں بھی مداخلت کی تاکہ کوئی ایسی چیز چھوٹ نہ جائے جو اُن کی ثقافت اور اُن کے نظریات اور تہذیب سے متناقض ہو۔ یہاں تک کہ اسلامی دینی تعلیم میں یہی منہج(Syllabus) اختیار کیا گیا کیونکہ بہرحال دونوں منہج اُن ہی لوگوں کے ہی بنائے ہوئے تھے اور اُنہی کے افکار پر مبنی تھے اور آج بھی دینِ اسلام کی تعلیم ایک روحانی اور اخلاقی مذہب کے لحاظ سے دی جا رہی ہے جو مغرب کے تصورِ دین کے عین مطابق ہے۔ آج بھی اسلام کی تعلیم میں زندگی کی حقیقت اور اُس کے مفاہیم کا پہلو نظر انداز کر دیا جاتا ہے چنانچہ ظاہر بات ہے کہ پھر زندگی کے مسائل سے اسلام اور اسلام کا حل بھی دور ہوتا چلا جاتا ہے۔ اسی نہج پر حضور اکرمؐ کی حیات طیبہ جو پڑھائی جا رہی ہے اُس میں آپؐ کی نبوت و رسالت کا پہلو شامل ہی نہیں جس طرح مثلاً نیپولینؔ یا بسمارکؔ کی سوانح حیات ہو، اسی سبب ہمارے طلباء میں حضورؐ کی نسبت کوئی احساسات و افکار نہیں اُبھرتے۔ عبادات و اخلاق کے مضامین جو دینی نظام تعلیم کا حصہ ہیں، وہ بھی منفعت کے پہلو کو مدِّ نظر رکھ کر پڑھائے جاتے ہیں۔ اس طرح دینِ اسلام کی تعلیم بھی مغربی نظریات کے مطابق نہج پر رواں ہے۔ اس کا فطری نتیجہ یہ ہوا کہ مسلم دانشوروں کی اکثریت مغربی تہذیب زدہ ہو گئی اور اس تہذیب سے اس قدر متاثر ہوئی کہ یہ اُن کی زندگیوں پر چھا گئی اور اُن کی زندگیاں اس مغربی تہذیب کے مفاہیم(Concepts) کے مطابق ڈھل گئی۔ جہاں کہیں اسلامی تہذیب اُن کی اِس مغربی طرزِ زندگی سے ٹکراتی، یہ دانشورانِ اسلام اسلامی تہذیب کو ترک کر مغربیت کو اختیار کرتے اور اسلامی مفاہیم سے انکار کر دیتے۔ اِس تعلیم یافتہ طبقے میں مغربیت کی نسبت اس قدر وفاداری اور مرعوبیت تھی کہ وہ ہر مغربی شخص اور مغربی نقطۂ نظر پر فدا تھے۔ یہ لوگ عین اہلِ مغرب کے نقشِ قدم پر اسلام اور اسلامی ثقافت پر نکتہ چینی کرتے جو کہ اُن میں چھپی نفرت اور دشمنی کی عکاسی ہوتی۔ جس طرح اُن کے ذہنوں کو بہکایا گیا تھا ٹھیک ویسے ہی لوگ یہ سمجھنے لگے تھے کہ مسلمانوں کے پچھڑے پن کا سبب اسلام ہے۔ اِن دانشورانِ اسلام کو اپنی تہذیب اور اپنے نقطہ ہائے نظر کا دلدادہ بنا کر یہ تبلیغی مشن اپنے ایجنڈے میں کامیاب ہو گئے کہ مسلمانوں کا تعلیم یافتہ طبقہ اپنے ہی دشمنوں کی صفوں میں کھڑا ہو کر اسلام اور اسلامی نظریات پر حملے کرنے لگا تھا۔
یہ وبا پھر محض یوروپ کے یا یوروپی مدارس کے تعلیم یافتہ طبقے ہی میں سمٹ کر نہیں رہ گئی بلکہ پھیلتے پھیلتے وہ لوگ بھی اس کی زد میں آ گئے جو اسلامی تہذیب کے داعی تھے اور اسی پر قائم تھے۔ یہ لوگ مغربی مستعمرین کے اسلام پر تہمت لگانے اور الزام تراشیوں سے سخت حیرت و تشویش میں تھے اور اِن الزام تراشیوں کا جواب دینے میں وہ لوگ خواہ اُن کے جوابات صحیح ہوں یا غلط اُنہیں اس بات سے کوئی سروکار نہ ہوتا اور وہ اپنی تمام صلاحیتوں کا استعمال کرتے۔ ایسے لوگ جواب دیتے وقت یہ بھی ملحوظ نہ رکھتے کہ جس بات کی تہمت لگائی جا رہی وہ اسلام کا کوئی امتیازی پہلو ہے یا محض جھوٹ گھڑ لیا گیا ہے۔ اُن لوگوں کے ایسے جوابات سے یہ بات طے شدہ ہو جاتی ہے کہ اسلام ہی موردِ الزام ہے، پھر وہ اسلامی افکار کی غلط تاویلیں کرتے اور بلاوجہ اسلام کو مغربی نظریات سے ہم آہنگ ثابت کرتے تھے اور اُن کے مایوس کن جوابات سے عیسائی مشنریوں کو خاموش کرنے کے بجائے اُن کی تبلیغ کو اور مدد مل رہی تھی۔ اسلام کو چار و ناچار مغربی تہذیب سے ہم آہنگ بنانے کے لئے جو غلط تاویلیں یہ لوگ اپنے جوش میں کر لیا کرتے تھے، اُس سے ایک اور زیادہ خطرناک نتیجہ نکلا، وہ یہ کہ مغربی تہذیب اِن لوگوں کے افکار کا حصہ بن گئی اور جسے وہ قبول کرتے تھے اور اسلام پر گویا بہتان لگا کر اُن افکار کو اسلام ہی سے منسوب کرتے تھے۔ اس سے بھی آگے بڑھ کر بعض لوگ یہ کہنے لگے کہ درحقیقت مغرب نہ اپنی تہذیب اسلام اور مسلمانوں سے ہی تو اخذ کی ہے۔ اسلامی احکام کی تاویلات کی جانے لگیں تاکہ وہ مغربی تہذیب کے جس سے یہ لوگ مرعوب ہو رہے تھے، شانہ شانہ چلے۔ اب ان لوگوں نے مغربیت کو پوری طرح سے اختیار کر لیا تھا اور اِنہیں یہ کہنے میں کوئی عار نہ تھا کہ یہ تو اسلام سے بہت ملتا جلتا ہے جبکہ حقیقتاً مغربی تہذیب اسلام کے بالکل متناقض ہے، اس طرح یہ طبقہ اسلامی تہذیب و افکار ترک کر چکا تھا اور یہی مشنریوں کی اور مغربی استعمار کی کامیابی اور اُن کے مقصد کی تکمیل بھی تھی۔
ایک طرف تو تعلیم یافتہ طبقہ مغربی تہذیب سے مانوس اور دوسری طرف خود اپنی اسلامی ثقافت سے دور، فطری بات ہے کہ مسلم عوام میں زندگی کے وہی مفاہیم پائے جائیں گے جو مغربی تہذیب سے ماخوذ ہوں۔ نتیجتاً عالمِ اسلامی مغربی تہذیب کی زد میں آ گیا اور عام آدمی کی زندگی اُسی بیرونی تہذیب کے تابع ہو گئی جہاں مغربی افکار معاشرے پر غالب تھے۔ عام انسان یہ نہیں سمجھ پا رہا تھا کہ حکومت میں جمہوریت کا نظام اور اقتصاد میں سرمایہ کاری کا نظام درحقیقت کفر کے نظام کا حصہ ہیں۔ اس طرح زندگی کے ہر شعبے میں مغربی افکار کے مسلم ذہنوں میں شعوری اور غیر شعوری طور پر سرایت کر جانے کا نتیجہ تھا جب مسلمانوں پر اللہ تعالیٰ کے نازل کردہ احکام سے مخالف نظام سے حکومت اور اُن کے تنازعات کے فیصلے بھی ہونے لگے تو مسلمانوں نے نہ اس تبدیلی کو محسوس کیا اور نہ اُنہیں کوئی تشویش ہوئی۔ مسلمان اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کو فراموش کر چکا تھا کہ:
(وَمَنْ لَّمْ یَحْکُمْ بِمَآ اَنْزَلَ اللّٰہ فَا ولٰٓئِکَ ھُم الْکٰفِرُوْنَ)
جو اس کو واجب العمل قرار نہ دے جو اللہ نے نازل فرمایا ہے، تو ایسے ہی لوگ کافر ہیں۔
(ترجمہ معانی : سورۂ المائدۃ :آیت:۴۴)
یہی مغربی تہذیب کی اعلان شدہ اساس ہے کہ دین کو ریاستی امور سے بے دخل رکھا جائے اور کیونکہ معاشرے میں حکومتی قوانین نافذ رہتے ہیں اس لئے معاشرہ بھی غیر دینی بنیاد پر استوار ہو جاتا ہے اور یہی مادّیاتی مغربی مفاہیم آج عالم اسلام میں عام ہو چکے ہیں۔ آج مسلمان بس اس بات کو کافی سمجھتا ہے کہ اگر وہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کی ذات پر ایمان رکھے اور عبادات کرتا رہے اور خواہ وہ اپنے دنیوی معاملات جیسے مناسب سمجھے اور جیسے اُسے پسند ہوں چلاتا رہے تو اُس کے مسلمان ہونے کا حق ادا ہو جاتا ہے۔ اُس کی اِس سوچ کی بنیاد مغربی مادی نظریات ہیں جن میں کہا جاتا ہے کہ’’ جو قیصرؔ کا حق ہے وہ قیصر کو دو اور جو اللہ کا حق ہے وہ اللہ کو دو‘‘("Render unto Caesar what is Caesar's and unto God what is God's.")۔ اِن مادی افکار کے مسلمانوں پر چھانے کے باعث وہ نہیں محسوس کرتا کہ خود قیصر اور جو کچھ قیصر کا ہے وہ سب اللہ تعالیٰ ہی کا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے اوامر و نواہی میں جملہ احکام شامل ہیں جن میں نماز، خرید و فروخت، لین دین، کرایہ داری، حکومتی نظام، تعلیمی نظام بھی ہیں۔ لیکن مسلمانوں میں یہ افکار عام نہیں ہیں، کاش اُنہوں نے اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کے یہ فرمان سمجھے ہوتے :
(وَاَنِ احْکُمْ بَیْنَھُمْ بِمَآ اَنْزَلَ اللّٰہُ)
اور یہ کہ تم اُن کے درمیان وہی فیصلہ کرو جو اللہ نے نازل کیا ہے، (ترجمہ معانی : سورۂ المائدۃ :آیت:۴۹)
(یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْآ اِذَا تَدَایَنْتُمْ بِدَیْنٍ اِلٰٓی اَجَلٍ مُّسَمًّی فَاکْتُبُوْہُ)
اے لوگو جو ایمان لائے ہو، جب کسی مقرر مدت کے لئے آپس میں قرض کا لین دین کرو، تو اسے لکھ لیا کرو،
(ترجمہ معانی : سورۂ البقرۃ :آیت:۲۸۲)
(وَمَنْ یُشَاقِقِ الرَّسُوْلَ مِنْم بَعْدِ مَا تَبَیَّنَ لَہ الْھُدَی وَ یَتَّبِعْ غَیْرَ سَبِیْلِ الْمُؤْمِنِیْنَ نُوَلِّہٖ مَا تَوَلّیٰ وَنُصْلِہٖ جَھَنَّمَ ط وَ سَآئَتْ مَصِیْراً)
لیکن جو شخص اس کے بعد بھی کہ ہدایت اس پر واضح ہو چکی ہے رسول کی مخالفت کرے گا، اور اہلِ ایمان کی راہ کے سوا کسی اور راہ پر چلے گا، اسے ہم اس پر چلنے دیں گے جس کو اس نے اختیار کیا ہو گا اور جہنم میں اسے جھونک دیں گے، جو بدترین منزل ہے۔ (ترجمہ معانی : سورۂ النساء :آیت:۱۱۵)
(وَمَا کَانَ الْمُؤْمِنُوْنَ لِیَنْفِرُوْا کَآفَّۃً ط فَلَوْلَا نَفَرَ مِنْ کُلِّ فِرْقَۃٍ مِّنْھُمْ طَآئِفَۃٌ لِّیَتَفَقَّھُوْا فِی الدِّیْنِ وَ لِیُنْذِرُوْا قَوْمَھُمْ اِذَا رَجَعُوْآ اِلَیْھِمْ لَعَلَّھُمْ یَحْذَرُوْنَ)
ایسا تو نہیں کہ اہلِ ایمان سب کے سب نکل کھڑے ہوں، پھر ایسا کیوں نہیں ہوا کہ اِن کے ہر گروہ میں سے کچھ لوگ نکلتے تاکہ وہ دین میں سمجھ حاصل کرتے، اور تاکہ وہ اپنے لوگوں کو خبردار کرتے، جبکہ وہ ان کی طرف لوٹتے، تاکہ وہ بچتے۔
(ترجمہ معانی : سورۂ التوبۃ:آیت:۱۲۲)
مسلمانوں نے گو کہ آیات تلاوت تو کیں، لیکن اُن میں جو مفاہیم ہیں اُنہیں نظرانداز کر دیا۔ قرآن کو جس طرح پڑھا جانا چاہئے کہ وہ ایک جیتا جاگتا چشمہ ہے جس کے معانی و مفہوم کو اخذ کر کے اپنی زندگی کو اُن مفاہیم کے سپرد کر دینا اور اُنہیں زندگی کے میدان عمل میں نافذ کرنا ہے، لیکن یہ فکر مسلمانوں میں مفقود ہے، مسلمان اِن آیات کی رواحانیت سے تو متاثر ہوتے ہیں لیکن جب اِن آیات سے مفاہیم اور اِن کے معانی اخذ کرنے کی بات ہو جاتی ہے تو اپنے ذہنوں پر مغربی افکار کا غلبہ ہونے کے سبب پڑھنے والے کے ذہن پر پردہ چھا جاتا ہے۔ یہ معاملہ محض عوام کا ہی نہیں بلکہ مغربی تعلیم زدہ اور دینی علوم رکھنے والے بھی اسی وبا کا شکار ہیں۔
مسلمانوں کے سیاسی حلقوں میں یہ وبا اور بھی زیادہ پھلی ہوئی ہے اور اس کے نتائج کہیں زیادہ مہلک ہیں۔ جب سے کافر استعمار نے اِن سیاسی لوگوں کو چھانٹ کر جمع کیا اور اُنہیں خوب مال و دولت کے خواب دکھا کر خلافتِ عثمانیہ کے خلاف محاذ آراء کیا تب سے ہی یہ لوگ اپنے آقاؤں کی ہمنوائی کر رہے ہیں اور اُن ہی کے بنائے ہوئے منصوبوں پر کارفرما ہیں۔ عثمانی خلافت کے دوران بھی یہ طبقہ اسلامی ریاست کے خلاف اپنے آقاؤں کی حمایت کر رہا تھا۔ باوجود اس کے کہ اسلام میں اس بات کی اجازت نہیں لیکن یہ طبقہ اس کی پرواہ کئے بنا یہی کرتا رہا اور اپنے اس عمل کو باعثِ افتخار سمجھتا تھا جس کا وہ ہر موقع و مناسبت پر، جو وہ ہر سال مناتے تھے فخریہ ذکر بھی کرتے تھے۔ یہ وہ وقت تھا کہ اِن لوگوں کو چاہئے تھا کہ وہ حکام سے اپنی جد و جہد کرتے تاکہ ریاستِ اسلامی میں سدھار آتا، اِن لوگوں نے اپنی ریاست کے خلاف دشمن کا ساتھ دیا۔ اس کا کڑوا نتیجہ یہ ہوا کہ کافر مستعمرین کا پوری ریاست پر غلبہ ہو گیا۔ اب پھر اس طبقے کا اور روپ سامنے آیا کہ بجائے اس کے کہ وہ اِن کافروں پر غلبہ حاصل کرنے کے لئے عوام سے مدد کرتے، اِن لوگوں نے اپنے مستعمرین آقاؤں سے عوام پر غلبہ پانے کے لئے مدد مانگی!سیاست دان اپنے آقاؤں اور اُن کے نظریات سے اس قدر متاثر و مرعوب تھے کہ اس مرعوبیت کے سبب اِن کی اپنی اسلامی شخصیت زائل ہو گئی، اسلامی افکار پر مغربیت کے نظریات کا زہر چھا گیا، حیات و جہاد کے نظریہ میں فساد آ گیا جو پھیلتے پھیلتے ساری فضاء کو مکدّر اور زندگی کے ہر گوشے میں افکار کو مبہم کرتا گیا۔
ان لوگوں کو جہاد کے مقام پر مذاکرات پسندیدہ تھے اور اِن کا سب سے مرغوب قول تھا کہ’’ پہلے حاصل کر لو، پھر مطالبہ کرو‘‘ کیونکہ یہ مقولہ اِن کے آقاؤں کی سرمایہ داری میں ایک بہت بڑی فوج سے بھی زیادہ منافع بخش مانا جاتا ہے۔ اِن کی پر امید نظروں کا قبلہ اِن کے کافر مستعمر آقا تھے جن سے یہ مدد مانگا کرتے تھے، اور اُن ہی پر انحصار کیا کرتے تھے جبکہ اِنہیں یہ شعور ہی نہیں تھا کہ کافر مستعمرین سے مدد کا طالب ہونا ایک کبیرہ گناہ ہے اور سیاسی اعتبار سے خود کشی کے مترادف ہے۔ اِن سیاست دانوں نے اپنی ساری کاوشیں اسی مقصد کے حصول میں صرف کی کر دیں کہ اسلامی ریاست کے چھوٹے چھوٹے علاقوں پر چھوٹے چھوٹے ممالک بنائیں جن کی بنیاد علاقائی عصبیت پر مبنی تھی۔ اُنہوں نے یہ نہیں سمجھا کہ علاقائی تعصب پر مبنی کوئی بھی ریاست سیاسی عمل کو رائیگاں کر دیتی ہے کیونکہ ایک صحیح اور با مقصد زندگی میں جس قدر بھی سیاسی یا غیر سیاسی اعمال ہو سکتے ہیں، علاقائی عصبیت پر مبنی کسی بھی ریاست میں اُنہیں کما حقہ پورا کر پانے کی گنجائش ہوتی ہی نہیں ہے۔
اتنا ہی نہیں بلکہ اس سے آگے اِن لوگوں نے اپنے ذاتی مفاد پر اپنی مخصوص توجہ کی اور بیرونی ممالک پر بھی ان کی توجہ رہی جس کے باعث اُن کی تمام توجہ کا اصل محور، یعنی اُن کا عقیدہ، نظر انداز ہوتا گیا، اور نتیجتاً کامیابی کی راہ مسدود ہو گئی، اب وہ خواہ کتنی بھی جد و جہد کرتے اور اُن کی کاہشات چاہے مخلص ہی ہوتیں کامیابی کا کوئی امکان باقی نہ تھا۔ اب اُن کی تمام سیاسی کوششیں پھیکی اور بے امیدی کی تھیں۔ اب امت میں شعور کی جانب جو بھی جنبش ہوتی وہ ایک ذبح کئے ہوئے چوپائے کی حرکات کے مانند تھی جس کے ہاتھ پیر بہرحال تھوڑا بہت پھڑپھڑا کر ٹھنڈے ہو جانا تھا۔ جب سیاسی جماعتوں کی قیادت کی توجہ اپنے اصل مرکز یعنی عقیدہ سے ہٹ جائے تو قدرتی بات ہے کہ باقی امت بھی غفلت کا شکار ہو گی۔ جب ا سلامی ریاست میں سیاسی جماعتیں قومی(Nationalist)، اشتراکی(Socialist)، کمیونسٹ نظریات یا روحانی اور اخلاقی مذہب یا محض وعظ و نصیحت کی بنیاد پر بننے لگیں تو اس طرح سیاست دانوں کے افکار غلط نظریات اور غیر اسلامی مبادی سے متاثر ہوئے۔ اِن جماعتوں اور تحریکوں سے وسوسے کم تو نہیں ہوئے بلکہ نظریاتی افراتفری میں مزید اضافہ ہو گیا جو کہ عین متوقع تھا کیونکہ اِن تمام تحریکوں کی بنیاد مغربی نظریات مشنریوں سے متاثر تھی۔ جب یہ تحریکیں امت کی فکری قیادت کرنے لگیں تو مغربی افکار کو فروغ ہوا اور مشنری ایجنڈے کو ایسی کامیابی حاصل ہوئی جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی اور ان کی اسی کامیابی نے عالم اسلام میں مغربی استعمار کو استحکام بخشا۔

عالمِ اسلام پر سیاسی حملہ

اندلسؔ(Spain) پر حملے کا حقیقی سبب مغرب کو صلیبی جنگوں میں ملی شکست تھی جس کی باعث اُن کے دلوں میں انتقام کی آگ شدّت سے بھڑک رہی تھی۔ ان جنگوں میں مغرب کو عالم اسلام سے رسوا ہو کر بھاگ جانا پڑا اور اُن میں اس رسوائی کے سبب انتقام کی آگ جل رہی تھی اور اُن کے سینے اسلام اور مسلمانوں سے نفرت، اُن سے بغض اور کراہت سے بھرے پڑے تھے۔ لیکن یوروپ کے جانب مشرق آباد مسلمان اتنے مضبوط تھے کہ یوروپ اُن پر حملہ کرنے سے گریز کر رہا تھا کیونکہ یوروپی یہ بات اچھی طرح جانتے تھے کہ مشرق کے مسلمان یوروپ کے حملے کو روک سکتے ہیں اور باوجود اپنے داخلی اختلافات کے، منہ توڑ جواب دینے پر بھی قادر تھے۔ بایں سبب اہل یوروپ نے مغرب میں اندلس ؔ پر حملہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور وحشی پن کی تمام مثالوں کو مات دیتے ہوئے وہاں انہوں نے گھر جلائے، لوگوں کے سر دھڑسے الگ کرنے کے لئے مشینیں (مِقصلGuillotine- ) استعمال کیں اور درندوں کو بھی شرمسار کر دینے والی اِن حرکتوں پر یوروپ کو ذرا بھی ندامت نہیں ہوئی۔ اُس وقت مسلمانوں میں اتنی طاقت تھی کہ وہ اپنی مغربی ولایتِ اندلس پر یوروپ کے خلاف مدد دے کر اُس کی حفاظت کر تے اور جنگ کی استعداد کے لحاظ سے بھی یہ صلاحیت رکھتے تھے، لیکن اُنہوں نے اِس میں تامل کیا اور مسلمانوں کی اِس کاہلی کے باعث اندلسؔ دشمنوں کے لئے آسان سا لقمہ بن گیا۔ یوروپ کو تو اور انتقام کی خواہش تھی لیکن مسلمانوں کی قوت نے اُنہیں اسلامی ریاست کے مزید علاقوں پر حملے سے باز رکھا۔ مسلمانوں کی بے پناہ قوت اور عثمانی ریاست کے یوروپ کے مشرق میں حملے کر کے بڑے علاقوں کو فتح کر لینا، یہ اصل سبب تھا جس کی وجہ سے یوروپ نے اسلامی ریاست کے مزید حصوں پر حملہ کرنے سے پیچھے رکھا، اُنہیں خوف تھا کہ کہیں پھر اُنہیں صلیبی جنگوں کی شرمناک شکست سے نہ دوچار ہونا پڑے۔ یوروپ کے یہ مزید حملے اٹھارویں صدی کے درمیانی حصے تک کے لئے ٹل گئے تھے جس وقت عالم اسلام جمود کا شکار ہو چکا تھا، مسلمان دعوت کے کام سے دور ہو گئے تھے اور حرارتِ اسلامی اُن میں ماند پڑ چکی تھی اور نتیجتاً دشمن کے دلوں سے مسلمانوں کی دہشت بھی زائل ہو گئی تھی۔ دوسری جانب مشنریوں کی تبلیغی اور ثقافتی مہم اپنے پورے زوروں تھی۔ اِن حالات میں سیاسی حملے شروع ہوئے جن کا ہدف ریاستِ اسلامی کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے اُنہیں ہڑپ جانا تھا۔ عالمِ اسلام کا اس طرح فتح کر لینا یوروپ کے لئے حقیقتاً شاندار فتح تھی۔
روسؔ نے ملکہ کیتھرینCatherine)(۱۷۶۲ ء تا ۱۷۹۶ ) کے عہد میں عثمانیوں سے جنگ کی اور غلبہ حاصل کیا جس میں کئی علاقے اپنے قبضے میں لے لئے جن میں آزوفؔ (Azov)کا شہر اور جزیرہ نمائے کریمیا ؔ (Crimea)اور بحرِ اسود پر واقع اوڈیساؔ کی تجارتی بندرگاہ شامل تھے۔ روسؔ عثمانی خلافت کی خارجہ سیاست کے لئے بڑی تشویش کا باعث بن چکا تھا کیونکہ ایک تو اس نے رومی ولایتوں پر قبضہ کر لیا تھا اور دوسرے روس خود کو عثمانی ریاست میں بسے عیسائیوں کا محافظ تصور کرتا تھا۔ ۱۸۸۴ ء میں روس نے ترکستان کو چھینا اور پھر باقی علاقوں کو حاصل کر کے مکمل قفقاز پر قابض ہو گیا۔
معاملہ صرف روس تک محدود نہیں تھا بلکہ اس میں تمام مغربی ممالک شامل تھے، چنانچہ یکم جولائی ۱۷۹۸ ء کو نیپولینؔ نے مصر پر حملہ کر کے اُس پر قبضہ کر لیا۔ اس کے بعد فروری ۱۷۹۹ ء میں شام کے جنوب پر حملہ کیا اور غزہؔ، رملّہؔ اور یافا ؔ پر قابض ہوا اور عکاؔ (Acre)کے قلعوں تک پہنچ گیا لیکن یہ حملہ کامیاب نہ ہونے کی وجہ سے نیپولین مصر لوٹ آیا اور بالآخر ۱۸۰۱ ء میں اسے فرانس لوٹ جانا پڑا۔ گو کہ یہ حملے ناکام رہے لیکن ریاستِ اسلامی ان شدید حملوں سے لرز گئی تھی۔ اس کے بعد تو گویا ہر کوئی ملک عثمانی ریاست پر حملہ کرتا اور اُس کے علاقے پر قابض ہو جاتا۔ ۱۸۳۰ ء میں فرانس نے الجزائر(Algeria) پر قبضہ کیا اور تونسیہؔ (Tunisia)پر چڑھائی کے لئے بڑھا جسے وہ ۱۸۸۱ ء میں حاصل کرپایا۔ اس کے بعد ۱۹۱۲ ء میں مراکش (Moracco)پر قابض ہو گیا۔ ادھر طرابلسؔ(Tripoli) ۱۹۱۱ ء میں اٹلی کے ہاتھوں فتح ہو گیا تھا۔ اس طرح شمالی افریقہ مکمل طور سے اسلامی ریاست سے کٹ کر کافر نوآبادیات بن گیا تھا جہاں اُن پر کفر کے نظام نافذ ہونے لگے تھے۔
یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا، برطانیہ نے ۱۸۳۹ ء میں عدنؔ پرحملہجس میں جنوب یمن کے لحجؔ سے جزیرہ نمائے عرب کے مشرق تک اُس کے زیرِ دست نو ریاستوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس سے کافی پہلے انگریز ہندوستان پر اپنا قبضہ جما چکے تھے اور مسلمانوں کے اقتدار کو مٹا کر اُنہیں سب سے زیادہ ظلم و زیادتی کا نشانہ بنا رہے رہے تھے۔ انگریزوں نے ہندوستان کو اپنی نوآبادی بنایا اور وہاں مسلمانوں کی قوت کو کمزور کرتے کرتے اسے بالکل ختم کر دیا۔ اس کے بعد انگریزوں نے ۱۸۸۲ ء میں مصر اور ۱۸۹۸ ء میں سوڈان پر قبضہ کر لیا۔ ادھر ہالینڈ جنوب مشرق ایشیا میں انڈونیشیا اور ملیشیا وغیرہ پر اپنا اقتدار مستحکم کر چکا تھا۔ دوسری جانب افغانستان اور ایران ایک طرف سے برطانیہ اور دوسری جانب سے روس کے حملے کے دباؤ میں تھے۔ یوں عالم اسلام کا ہر حصہ مغربی ممالک کے حملوں میں گھرا ہوا تھا اور یہ عام خیال بن گیا تھا کہ اب عالمِ اسلام مفتوح ہو کر مغربیوں کے زیرِ اقتدار بس آنے ہی کو ہے۔ عوام محسوس کر رہے تھے کہ صلیبی جنگیں پھر شروع ہو گئیں ہیں اور اس بار عیسائیوں کو ایک کے بعد دوسری فتح ملتی جا رہی ہے چنانچہ مغربی حملوں کو روکنے اور اِن کے اثر کی شدّت کو کم کرنے کے لئے کچھ اقدامات بھی کئے گئے۔ عالمِ اسلام کے کئی مقامات پر مزاحمتی تحریکیں اُٹھیں، الجزائر میں انقلاب آ گیا، چین کے مسلمانوں نے ہتھیار اُٹھائے سوڈان میں مہدیوں نے بھی مزاحمت کی اور سنوسیؔ انقلاب اُٹھ کھڑا ہوا۔ یہ مزاحمتیں اس بات کا مظہر تھیں کہ عالم اسلام میں عام انحطاط و تنزّل کے باوجود ابھی بھی زندگی کے آثار باقی ہیں۔ البتہ یہ تمام کوششیں بالآخر ماند پڑ گئیں اور عالم اسلام کی حفاظت نہیں ہو پائی۔ مغربی ممالک محض اپنے سیاسی حملوں پر اکتفاء نہیں کیا بلکہ وہ بڑے انہماک سے عالم اسلام کو ثقافتی اور قوم پرستی کی بنیادوں پر تقسیم کرتے رہے تاکہ عثمانی خلافت کو جو اسلامی ریاست اور تمام مسلمانوں کی نمائندہ تھی، اسے ختم کیا جا سکے۔ اس غرض سے انہوں نے عالم اسلام میں وطن پرست تحریکوں کو آگے بڑھایا اور اسی پالیسی کے تحت یہ ممالک ۱۸۰۴ ء سے ہی بلقانؔ کے مسلمانوں کو نہ صرف انقلاب کے لئے اُکسا رہے تھے بلکہ اُن کی سرگرمیوں کے پیچھے اِن ہی ممالک کے مادّی وسائل اور اموال کا ر فرما تھے اور ۱۸۷۸ ء میں یہ رنگ لائے جب اِنہیں ’آزادی، ملی۔ اسی طرح مغربی ممالک نے یونان میں شورش بھڑکائی جو ۱۸۲۱ ء میں شروع ہوئی اور آخرکار ۱۸۳۰ ء میں یونان عثمانی خلافت سے آزاد ہو گیا۔ اب عثمانی خلافت کا اقتدار کریٹؔ، قبرصؔ(Cyprus)، بلقان اور بحر روم(Mediterranean Sea) کے تمام جزیروں سے ختم ہو چکا تھا۔ اہلِ مغرب نے بلقان اور باقی جزیروں کے مسلمانوں کے ساتھ نہایت درندگی کا سلوک کیا اور بہت بڑی تعداد کو وہاں سے ملک بدر ہو کر کئی عرب ممالک میں اسلامی ملک کی حیثیت سے پناہ لینا پڑی۔ لیکن کچھ قومیں ایسی بھی تھیں جنہوں نے مغرب کے آگے اپنے گھٹنے نہیں ٹیکے، جیسے چیچینیاؔ کے جانباز، اور بوشناک و قفقاز کے شمال مغربی علاقے کے غازی، جنہوں نے بھرپور مقابلہ کیا اور خود کو کفر نظام کے ماتحت کرنے کے بجائے اسلامی حکومت کی پناہ میں چلے گئے۔
مغربی ممالک اب اس سے بھی آگے بڑھے اور اپنے وسائل کو خفیہ طور سے استعمال کرتے ہوئے اُنہوں نے ایسی تحریکوں کی پشت پناہی کی جو مسلمانوں کی ریاست کے بٹوارے پر تلی ہوئی تھیں۔ چنانچہ ترکوں اور عربوں کی سیاسی جماعت سازی کی گئی جو قوم پرست تھی، مثلاً نوجوانانِ ترک پارٹی، اتحاد و ترقی پارٹی، تحریک آزادیِ عرب، حزب عہد وغیرہ وغیرہ جن سے ریاست میں افراتفری اور شدید پر تشدد انتشار پیدا ہوا وہ بھی ایسے جب کہ ریاست کو بیرونی حملوں کا بھی سامنا تھا، پھر اسی اثناء میں پہلی عالمی جنگ کا آغاز ہو گیا۔ کافر قوتوں نے اس موقع کو غنیمت جانا اور اسلامی ریاست پر پے در پے حملوں میں اُس کے باقی علاقے بھی چھین لئے اور اسلامی ریاست کو صفحۂ ہستی سے مٹا کر رکھ دیا۔ عثمانی خلافت عالمی جنگ میں شامل تھی اور یہ جنگ حلیفوں (Allied) کی کامیابی اور اسلامی ریاست کی شکست پر تمام ہوئی اور فاتح مغربی ممالک نے اسلامی ریاست کے علاقوں کو آپس میں مالِ غنیمت سمجھ کر تقسیم کر لیا۔ اب اس ریاست کا صرف وہ حصہ بچا تھا جہاں ترک آباد تھے اور اس کا نام ترکی رکھا گیا جو ۱۸۱۸ ء میں جنگ کے اختتام سے ۱۹۲۱ ء تک مغربی ممالک کے رحم و کرم پر رہا اور پھر مغربی ممالک کو یہ ضمانت دینے کے بعد ترکوں کو ’آزادی، نصیب ہوئی کہ وہاں پھر اسلامی حکومت قائم نہیں ہونے دی جائے گی۔

ریاستِ اسلامی کا خاتمہ

پہلی عالمی جنگ میں حلفاء (Allied Forces)کی چونکا دینے والی جیت کے بعد جنگ بندی کا اعلان ہوا اور عثمانی ریاست کا خاتمہ ہو کر اسے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں منقسم کیا گیا اور تمام عرب ممالک پر حلفاء کا قبضہ ہو گیا۔ مصر، سیریا، فلسطین، عراق اور مشرقی اردن عثمانی ریاست سے کٹ گئے اور عثمانی ریاست کے پاس سوائے ترکی کے کچھ بھی نہ بچا اور اُس میں بھی حلفا داخل ہو چکے تھے۔ برطانیہ کے جہازوں نے بوسفورس ؔ پر قبضہ کر لیا تھا اور انگریزی فوج پایۂ تخت استنبول کے بعض حصوں میں اور رود نیل ؔ کے قلعوں کے ساتھ ساتھ پورے ملک کے ہر اُس حصے میں جو فوجی اعتبار سے اہمیت کا حامل تھا گھس آئی تھی۔ استنبول کے باقی حصوں پر فرانس نے قبضہ کر لیا تھا اور اُس نے اپنے افریقی (سینیغالی) فوجیوں کو سڑکوں پر اتار دیا تھا جو تمام علاقوں میں بھرے پڑے تھے۔ اِٹلی کے فوجیوں نے بیراؔ پر قبضہ کر لیا تھا اور ساتھ ہی وہ تمام ریل لائنوں اپنے قبضے اور نگرانی میں رکھے تھے۔ اس کے علاوہ حلیف فوجی تمام پولیس، قومی گارڈ اور بندرگا ہوں پر مسلط ہو گئے تھے اور تمام قلعوں سے اسلحہ خالی کرا کر ترکی فوج کی متعدد ٹکڑیوں کو برخواست کر دیا تھا۔ جمعیتِ اتحاد و ترقی کو کالعدم قرار کر دیا اور جمال پاشا اور انوار پاشا ملک چھوڑ کر فرار اور باقی اراکین روپوش ہو گئے۔ توفیق پاشا کی قیادت میں ایک ناتواں سی حکومت بنادی گئی جو ملک پر غاصب دشمنوں کے احکام نافذ کرنے لگی۔ اس وقت وحید الدین خلیفہ تھے جو اپنے سامنے حقیقت حالات کو اچھی سمجھ رہے تھے اور اُن کا منشاء یہ تھا کہ احوال سے حکمت سے نمٹا جائے، چنانچہ اُنہوں نے پارلیمینٹ کوبرخواست کر کے اپنے نہایت مخلص دوست فرید پاشا کو وزیر اعظم مقرر کیا۔ فرید پاشا نے خلیفہ کی حمایت کی اور حلیف طاقتوں سے بجائے مزاحمتی رویہ کے، بظاہردوستانہ ہاتھ بڑھایا تاکہ وہ ملک کو تاراج کرنے سے باز رہیں کیونکہ جنگ کے خاتمے کے بعد اب حلفاء کے لئے یہ کام خاص طور پر آسان ہو گیا تھا۔ فرید پاشا اپنے اس منصوبے پر عمل پیرا تھے اور حالات ۱۹۱۹ ء تک بدستور جامد ہی رہے جب حلفاء کا موقف کمزور پڑ گیا۔ درحقیقت اس اثناء میں فرانس، برطانیہ اور اٹلی کے داخلی حالات سنگین ہو گئے تھے جو وہاں کی امن داخلی کو متاثر کر رہے تھے، لہٰذا اُن کے مابین اختلاف ابھر آئے جو استنبول میں بھی ظاہر ہو رہے تھے جہاں وہ مالِ غنیمت کے بڑے بڑے حصے کو اپنے لئے مخصوص کرنے پر تلے ہوئے تھے۔ ہر ایک اہم ترین فوجی تنصیبات اور اقتصادی فائدوں کا سب سے بڑا حصہ چاہتا تھا۔ یہ ترکی کے لئے موقع تھا کہ وہ اس سے فائدہ اُٹھائے اور اپنے وجود کو اِن بھیڑیوں سے بچا لے۔ ان ممالک کے آپسی اختلاف اور اس اختلاف کے سبب اُن کی کمزوریوں کے ظاہر ہو جانے کے بعد یہ ممالک اب ترکوں کو باقی ممالک کے خلاف بھڑکانے اور مدد فراہم کرنے لگے تھے۔ اس وقت صلح کانفرنس منعقد نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی اس کی شرائط وضع کی گئیں تھیں، اس لئے عوام کو امید کی ایک کرن نظر آ رہی تھی اور وہ یہ مان رہے تھے کہ اس وقت ایک مزاحمتی تحریک شروع کر دی جائے۔ انگریز اس کو بھانپ گئے تھے لہٰذا اُنہوں نے ایسی کسی ممکنہ تحریک کو اپنے مفاد میں استعمال کرنے کے لئے مصطفے ٰ کمال پاشا کو اپنے مہرے کے طور پر تیار کر لیا تھا جو اُن کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنائے اور ریاستِ خلافت کو ختم کر دینے کے اُن کے خواب کو پورا کرے۔ استنبول میں ہی دس سے بھی زیادہ خفیہ تنظیمیں بنیں جن کا مقصد دشمن فوجوں کے اسلحہ خانوں سے اسلحہ اور دیگر مواد چوری کر کے ملک بھر میں پھیلی خفیہ تنظیموں تک بہم پہنچانا تھا۔ اس کام میں کچھ حکومت سے وابستہ افراد بھی معاونت کر رہے تھے۔ وزارتِ جنگ کے وکیل(Under Secretary) عصمت، افواج کے چیف آف اسٹاف(Chief of Staff) فوزی، وزیر امور داخلی(Home Minister) فتحی اور وزیر برائے بحری افواج (Minister for Navy) رؤف اس کام میں ان تنظیموں کی مدد کر رہے تھے۔ اس طرح متعدد تنظیمیں دشمن کی مزاحمت کرنے میں خفیہ طور سے برسرِ پیکار تھیں۔ جمعیتِ اتحاد و ترقی پھر سے فعال ہو گئی تھی اور ان تنظیموں میں کچھ فوجی سپاہی بھی شامل ہو گئے تھے، بعض میں یہ تمام تحریکیں اور تنظیمیں متحد ہو کر مصطفے ٰ کمال پاشا کے زیرِ قیادت آ گئیں تھیں جس نے حلیف طاقتوں کی مزاحمت اور اُنہیں ملک سے نکال باہر کرنے کے لئے اور خلیفہ کی فوجوں سے مقابلے کے لئے کہ اگر وہ اُنہیں روکیں، ایک تحریک شروع کی تھی۔ اس میں کمال پاشا کو بڑی حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی، اس نے محسوس کیا کہ استنبول میں مرکزی حکومت در اصل حلیف طاقتوں کے زیرِ اثر ہے، لہٰذا اناتولیہ ؔ میں قومی حکومت بنا لی۔
اسی نہج پر مصطفے ٰ کمال نے اپنے انقلاب کو قومیت کا رنگ دے کر آگے بڑھایا اور جو خلافت کے خاتمے پرتمام ہوا اور ترکی اپنی ریاست کے دیگر تمام حصوں سے جدا ایک ملک بن کر رہ گیا۔ مصطفے ٰ کمال کے انقلاب کے مطالعے سے یہ بات بلا کسی شبہ کے واضح ہو جاتی ہے کہ یہ انقلاب انگریزوں ہی کے ایماں پر شروع کیا گیا تھا اور وہی اس کی معاونت و پشت پناہی کر رہے تھے اور اُنہوں نے ہی مصطفے ٰ کمال پاشا کو اس غرض کے لئے تیار کر کے کھڑا کیا تھا۔
مصطفے ٰ کمال نے سیواسؔ کے مقام پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ترکی کی آزادی قائم رکھنے کے طریقوں پر غور و فکر کیا گیا، کچھ قراردادیں منظور کی گئیں اور اُن کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے مصطفے ٰ کامل پاشا کی صدارت میں ایک تنفیذی کمیٹی بنائی گئی۔ اس کانفرنس میں سلطان کو خبردار کیا گیا کہ وہ وزیر اعظم فرید پاشا کو برطرف کر دیں اور ایک نئی پارلیمینٹ کے لئے آزادانہ انتخابات کرائیں۔ سلطان اس دباؤ میں آ گئے اور فرید پاشا کو برطرف کر کے علی رضا کو وزیر اعظم نامزد کیا۔ اس کانفرنس کے اراکین اِن انتخابات میں ایک جماعت کی حیثیت سے شامل ہوئے اور اپنے منشور میں ملک کو بچانے کے وعدے پر یہ لوگ بھاری اکثریت سے پارلیمینٹ میں آ گئے۔
اس فتح کے بعد یہ کانفرنس اور اس کے اراکین انقراؔ منتقل ہو گئے اور وہاں اپنا صدر دفتر قائم کر لیا۔ یہاں اپنے اجلاس میں دو تجاویز رکھی گئیں جن میں کہا گیا تھا کہ اب یہ پارلیمینٹ استنبول میں منعقد ہو اور اس کانفرنس کو برخواست کر دیا جائے کیونکہ اس کے اراکین اب ممبرانِ پارلیمینٹ ہو گئے ہیں۔ لیکن مصطفے ٰ کمال پاشا نے اِن دونوں تجاویز کی مخالفت کی اور کہا’’یہ ضروری ہے کہ یہ کانفرنس بحیثیت جماعت باقی رہے تا وقتیکہ پارلیمینٹ کی پالیسی اور اس کا قابلِ التزام ہونا ثابت اور ظاہر نہ ہو جائے، پارلیمینٹ کو استنبول منتقل کر دینا ایک بی وقوفی ہو گی، اگر آپ لوگ یہ کرتے ہیں تو آپ بیرونی دشمنوں کے رحم و کرم پر ہوں گے۔ انگریز ابھی بھی پورے ملک پر قابض ہیں اور وہاں حکام تمہارے معاملات میں مداخلت کریں گے اور ممکن ہے آپ لوگوں کو گرفتار بھی کر لیں۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ پارلیمینٹ کا اجلاس یہیں انقراؔ میں ہی ہو تاکہ اس کی خودمختاری کو یقینی بنایا جا سکے ‘‘۔ مصطفے ٰ کمال پاشا نے اپنی رائے پر شدید اصرار کیا لیکن وہ اراکین کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا، اراکین صدر مقام پہنچے اور خلیفہ سے اپنی وفاداری کا اعادہ کیا اور اپنے کام میں لگ گئے، یہ احوال جنوری ۱۹۲۰ ء کے ہیں۔
سلطان نے اراکین پارلیمینٹ کو اپنی حکمتِ عملی کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی لیکن اراکین مُصِر تھے کہ وہ ہر حال میں اپنے ایجنڈے پر قائم رہ کر ہی ملک کی حفاظت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پھر جب اُن پر بیرونی طاقتوں کا دباؤ پڑا تو وہ سیواسؔ میں منعقد اپنی کانفرنس میں منظور شدہ قراردادوں پر رائے عامہ ہموار کرنے لگے۔ اِن قراردادوں میں وہ شرائط تھیں جن پر اُنہیں امن قابلِ قبول تھی، جن میں سب سے اہم نکتہ یہ تھا کہ ترکی کی متعینہ حدود میں اسے مکمل خود مختاری اور سیادت حاصل ہو۔ حلیف طاقتیں اور خاص طور پر انگریز اس سے بہت خوش تھے کیونکہ یہی اُن کا اصل مقصد تھا اور وہ چاہتے تھے کہ ایسی آواز خود ترک لوگ ہی اُٹھائیں۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ عثمانی خلافت کے بحیثیت اسلامی ریاست جو بھی ممالک زیرِ اقتدار تھے، اُن سب میں اِن حلیف ممالک نے پہلے ہی اِن ممالک میں قوم پرستی کی بنیاد پر اُنہیں عثمانی خلافت سے علیحدہ کرنے کا مسودہ تیار کر لیا تھا، مثلاً عراق، فلسطین، سیریا اور مصر وغیرہ جنہیں حلیف ممالک اسلامی ریاست سے جدا رکھنا چاہتے تھے اُنہیں اُن کی قوم یا وطن کی بنیاد پر الگ ملک کا وعدہ کر لیا گیا تھا۔ لہٰذا حلیف ممالک کا اور خاص طور انگریزوں کا ترکی پارلیمینٹ کی ایسی قرارداد پر خوش ہونا فطری بات تھی کیونکہ یہ اُن کے منصوبے سے ہم آہنگ تھی۔ اُن کا منصوبہ یہی تھا کہ اسلامی ریاست کے اس قدر ٹکڑے ہو جائیں کہ اُن کا متحد ہونا ناممکن ہو اور مسلمان ریاست کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے۔ اگراسلامی ریاست کی اِن ولایات میں آزادی کے مسودات منظور نہ ہوئے ہوتے تو صورتِ حال مختلف ہوتی کیونکہ اسلامی ریاست ایک متحد ریاست تھی نہ کہ اتحادی یا وفاقی ہے ئت، اس ریاست میں اس کی مختلف ولایات میں یکساں طور پر حکومت کی جاتی تھی، چنانچہ ترکی اور حجاز ایک جیسے تھے یا القدس اور الاسکندرونہؔ بھی اس حکومت کی نظر میں یکساں تھے کیونکہ پوری ریاست ایک ملک تھا۔
اصولی بات یہ ہے کہ ترکی اور جرمنی پہلی عالمی جنگ میں ایک ہی طرف تھے اور جیسی جرمنی کی ہار ہوئی ترکی کی بھی ویسی ہی شکست ہوئی، لہٰذا دونوں ممالک پر شکست کی شرائط کایکساں طور پر اطلاق ہونا چاہئے تھا۔ جرمنی کے عوام نے اپنے ملک کی بالشت بھر زمین بھی چھوڑنے سے انکار کر دیا اور اُس کے ٹکڑے نہیں کئے گئے، یہی صورتِ حال ترکی کے ساتھ بھی ہونا چاہئے تھی۔ حلیف طاقتیں اس حقیقت سے خوب آگاہ تھیں لیکن خود ترکوں نے ہی اپنے ملک کے ٹکڑے کر دینے کی بات کی اور اس کی پارلیمینٹ نے اس سلسلے میں قرارداد منظور کر لی، اور دوسری طرف عربوں نے بھی ایسی ہی قرار دادیں منظور کیں تو ظاہر ہے کہ حلیف طاقتوں نے اِن مطالبات کو نہ صرف ہاتھوں ہاتھ لیا بلکہ اُن کی ہمت افزائی بھی کی، خاص طور پر ترکی میں کیونکہ وہ اقتدار کا مرکز تھا۔
اسی لئے حلیف طاقتوں نے ترکی پارلیمینٹ کی اس قرار داد کو اپنی شاندار فتح سمجھا اور جوں ہی اس قرارداد کی اشاعت ہوئی اور یہ عوام تک پہنچ گئی تو خود حلیف طاقتوں نے ترکوں کو بیرونی افواج کی مزاحمت کے لئے چھوٹ دیدی اور خود انگریز اور فرانسسی اپنی فوجوں کے انخلاء کے عمل میں لگ گئے اور اپنی فوجیں واپس بلانے لگے۔ اس سے ترکوں کے حوصلے بلند ہو گئے۔ اب یہ ترکی مزاحمتی دستوں کا مقصد اُلٹ کر بجائے حلیف طاقتوں کے خود سلطان کے خلاف انقلاب لانا ہو گیا تھا، لہٰذا سلطان کو فوجیں بھیج کر اس تحریک کو کچلنا پڑا۔ سوائے انقراء کے تمام ترکی کے عوام سلطان کے ساتھ تھے اور قریب تھا کہ خود انقراء بھی فتح ہو جائے، انقراء کے اطراف کے علاقے یکے بعد دیگرے سلطان کے پرچم تلے آ کر خلیفہ کی فوج میں شامل ہو رہے تھے۔ مصطفے ٰ کمال اور اُس کے حامی ایک سنگین صورتِ حال سے دوچار تھے لیکن مصطفے ٰ کمال خلیفہ کی مزاحمت کرنے پر مصر رہا اور وطن پرستوں کو مسلسل اُکساتا رہا اور اُن کے حوصلے بلند رکھے۔ اسی اثناء میں ترکی کے کونے کونے میں یہ افواہیں عام ہونے لگیں کہ انگریز فوجوں نے صدر مقام پر قبضہ کر لیا ہے، وطن پرستوں کو گرفتار کر لیا ہے اور پارلیمینٹ ہاؤس کو بزورِ طاقت بند کر دیا ہے اور یہ کہ سلطان اور اُن کی حکومت انگریزوں کی حمایت کر رہی ہے۔ اِن افوا ہوں سے صورتِ حال پلٹ گئی اور عوام سلطان کا ساتھ چھوڑ کر انقراء کے وطن پرستوں کا ساتھ دینے لگے اور ترکی کے دفاع کے لئے عورت مرد اُٹھ کھڑے ہوئے۔ خلیفہ کی فوج سے سپاہی فرار ہو کر مصطفے ٰ کمال کی فوجوں میں شامل ہونے لگے جو اس وقت ترکوں کی امیدوں کا مرکز اور اُن کے خوابوں کی تعبیر نیز اُن کا ہیرو بن گیا تھاچنانچہاس کی قوت مضبوط ہوتی گئی اور سارا کا سارا ملک اس کے ماتحت ہو گیا۔ مصطفے ٰ کمال پاشا نے ایک مراسلہ جاری کیا جس میں ترک نمائندوں کے لئے انتخابات کرانے کی بات کہی گئی تھی۔ جب یہ انتخاب ہو گئے تو اس کے اراکین نے اپنی اس کونسل کا نام’’ جمعیۃ الوطنیہ الکبریٰ‘‘ (Greater National Assembly) یا ملی مجلسرکھا اور خود کو ترکی کی قانونی حکومت قرار دیتے ہوئے مصطفے ٰ کمال پاشا کو اپنا صدر منتخب کر لیا اور انقراء کو اپنا صدر مقام بنایا۔ اس حکومت میں تمام ترک شامل تھے۔ اب مصطفے ٰ کمال پاشا نے خلیفہ کی رہی سہی فوج کا خاتمہ کر کے اس خانہ جنگی کو ختم کیا۔ اس کے بعد اس نے یونان کا رخ کیا اور کئی معرکے ہوئے جن میں شروع شروع تو یونان کا پلڑا بھاری رہا لیکن پھر بازی پلٹی اور اگست ۱۹۲۱ ء میں یونان پر بہت ہی برق رفتار سے ایک کامیاب حملہ کیا۔ اس وقت یونان ازمیرؔ اور ساحلِ ترک کے کئی علاقوں پر قابض تھا۔ اس حملے میں ترکی کو فتح حاصل ہوئی اور مصطفے ٰ کمال نے پھر ستمبر ۱۹۲۱ ء میں جنرل عصمت بے کو ہارنٹن سے ملاقات کر کے تفصیلات طے کرنے کے لئے بھیجا۔ اس اجلاس میں حلفا ء یونان کو تھریس(Thrace) سے نکالنے اور خود استنبول اور ترکی کے باقی علاقوں سے انخلاء کے لئے بھی راضی ہو گئے۔ مصطفے ٰ کمال کی یہ ’کامیابی، جو حلفاء نے اسے تحفتاً دی، اگر واقعات کو بغور اور بہ تسلسل دیکھا جائے تو صاف ظاہر ہو جاتا ہے کہ ’کامیابی، کا یہ تحفہ کمال پاشا کو اس عوض میں دیا گیا تھا کہ وہ اسلامی حکومت کا صفایا کر دیں۔ یہ بات اور پایۂ ثبوت کو تب پہنچی جب فتوحات حاصل کرنے کے بعد جمعیۃ الوطنیہ الکبریٰ کا اجلاس ہوا جس میں مصطفے ٰ کمال پاشا نے یہ بیان دیا:
’’ میں تمام اسلامی ممالک کے ایک ہونے میں یقین نہیں رکھتا اور نہ ہی اس بات کو مانتا ہوں کہ تمام عثمانی عوام ایک ہیں۔ ہم میں ہر ایک کو یہ اختیار ہے کہ وہ جو مناسب سمجھے اپنی رائے رکھے، البتہ حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ حقائق پر مبنی ایک پالیسی اختیار کرے اور اس کا بس ایک ہی مقصد ہو:وہ کہ حکومت ملک کی قدرتی سرحدوں کے اندر اپنی آزادی کو برقرار رکھے۔ کوئی وہم یا کوئی بوسیدہ خواب ہماری پالیسی پر اثرانداز نہ ہوں۔ ایسے خیالات پر لعنت ہو، یہ ہمیں ماضی میں بہت مہنگے پڑے ‘‘!
اس طرح اُس نے یہ اعلان کیا کہ اسے عوام کی ترکی عوام ہونے کی حیثیت آزادی مطلوب ہے نہ کہ امتِ مسلمہ کی حیثیت سے۔ بعض سیاست دانوں اور ممبرانِ پارلیمینٹ نے مصطفے ٰ کمال سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نئی حکومت کی شکل اور اس پالیسی کو واضح کر دیں کیونکہ یہ بات عملی نہیں کہ ایک ہی ملک میں دو حکومتیں ہوں جیسا کہ اس وقت معاملہ تھا کہ ایک عبوری حکومت جو با اقتدار تھی، انقراء میں قائم تھی اور دوسری قانونی حکومت استنبول میں جس کی قیادت سلطان اور اُن کے وزراء کر رہے تھے اور جو بس برائے نام ہی رہ گئی تھی۔ مصطفے ٰ کمال نے اپنی اصلی نیت کو چھپاتے ہوئے اِن سوالات کے جواب نہیں دئے۔ اس کے بجائے وہ خلیفہ وحید الدین کے خلاف یہ رائے عامہ ہموار کرنے میں مصروف ہو گیا کہ خلیفہ انگریزوں اور یونانیوں سے ملا ہوا ہے۔ عوام اُس کے وجد ان میں جیسے پاگل ہوئے جا رہے تھے اور اُن کے غصے کا نشانہ خلیفہ وحید الدین بن گئے تھے۔ اس سحر زدہ فضا ء میں اُس نے جمعیۃ الوطنیہ الکبریٰ کا اجلاس طلب کیا تاکہ اُس میں سلطان اور اس کی حکومت کے بارے میں اپنے موقف کی وضاحت کرے۔ وہ اس بات سے اچھی طرح واقف تھا کہ وہ اراکین جمعیت کو خلیفہ اور سلطنت کی برخواسگی پر آمادہ کر سکتا ہے۔ اس کے باوجود اس نے براہِ راست خلافت پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کی کیونکہ یہ ایک حسّاس معاملہ تھا اور عوام کے اسلامی جذبات بھڑک جانے کا اندیشہ تھا اس لئے اُس نے خلافت کو برخواست کرنے یا اُسے چیلینج کرنے کی بات نہیں کہی، بلکہ یہ تجویز رکھی کہ حکومت اور خلافت علیحدہ علیحدہ کر دی جائیں۔ اس تجویز سے عملاً خلافت حکومت سے بے دخل ہو جاتی اور خلیفہ وحید الدین حکومت سے بے دخل ہو جاتے۔ نمائندگانِ جمعیت نے جیسے ہی یہ تجویز سنی تو وہ سکتہ میں آ گئے اور اس تجویز کو جسے منظوری کے لئے پیش کیا گیا تھا، اس کے خطرات محسوس کرنے لگے۔ لہٰذا اُنہوں نے اس تجویز پر گفت و شنید کا مطالبہ کیا۔ مصطفے ٰ کمال کو اس تجویز پر بحث سے ڈرتا تھا لہٰذا اُس نے کہا کہ اس پر براہِ راست رائے شمارے کی جائے، اس میں اسے اسّی (۸۰) نمائندگان کی حمایت حاصل ہوئی جو سب کے سب اس کے ذاتی وفادار تھے۔ جمعیت نے یہ تجویز مسترد کرتے ہوئے اس کو اپنی قانونی کمیٹی کیو سپرد کر دیا تاکہ قانونی کمیٹی اس پر بحث کر سکے۔ دوسرے دن جب قانونی کمیٹی اس موضوع پر غور کرنے بیٹھی تو مصطفے ٰ کمال اُن کے اجلاس کے کمرے میں داخل ہوا اور اُن کے کام پر نظر رکھنے کے لئے وہیں بیٹھ گیا۔ چند گھنٹے اس کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، اس کمیٹی میں علماء اور قانونی وکیل تھے جو اس تجویز کو نصوصِ شرع کی روشنی میں جانچ رہے تھے اور اُن کی یہ رائے قائم ہوئی تھی کہ یہ تجویز شریعت کے مخالف ہے ! کیونکہ اسلام میں ایک نظام دینی اور ایک دنیوی رکھنے کی اجازت نہیں ہے، لہٰذا خلافت و حکومت ایک ہی چیز ہوئی، یہ ممکن نہیں کہ ایک چیز دین ہو جو ریاست یا حکومت سے جدا ہو۔ یہاں صرف ایک نظامِ اسلام ہے اور ریاست اسی کا حصہ ہوتی ہے جس کا کام اس نظام کو نافذ کرنا ہے۔ چنانچہ اس کمیٹی کو کوئی ایسا جواز نہیں ملا جس کے مطابق خلافت و حکومت کو اس طرح علیحدہ کر دیا جانا صحیح ہو، بلکہ اُنہیں اس موضوع پر بحث و مباحثہ کی گنجائش کو ہی غیر شرعی سمجھا کیونکہ اس موضوع میں شریعت کی نصوص صریح و قطعی ہیں۔ پس اُنہوں نے طے کیا کہ اس تجویز کو مسترد کر دیا جائے۔ لیکن حلیف طاقتوں کے ایماں پر اور ریاستِ اسلامی کو ترکوں ہی کے ہاتھوں ختم کرنے کے لئے برطانیہ نے جو کردار مصطفے ٰ کمال پاشا کو سونپا تھا، وہ یہی چاہتا تھا کہ پہلے حکومت کو خلافت سے علیحدہ کرے اور پھر خلافت کا خاتمہ کر دے۔ چنانچہ جب اُس نے دیکھا کہ یہ کمیٹی اُس کی منشاء کے خلاف راستہ اختیار کر رہی ہے تو وہ غضبناک ہو گیا اور غصے میں اپنی کرسی سے ہی اچھل پڑا اور پھر کرسی پر کھڑے ہو کر نہایت غصے سے چیخ کر کمیٹی کے کام میں رخنہ ڈالا، وہ چیخ چیخ کر کہہ رہا تھا:
’’اے صاحبان! خلیفہ لوگوں سے طاقت کے زور پر اقتدار غصب کیا تھا، اور عوام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یہ اقتدار قوت کے زور پر ہی واپس لے لیا جائے۔ خلافت کو حکومت سے بے دخل کر کے اسے توبرخواست کرنا ہی ہے اور یہ ہو کر رہے گا خواہ تم لوگ اسے پسند کرو یا نا پسند!البتہ اس اثناء میں تم میں کئی لوگوں کے سر کٹ جائیں گے ‘‘ !
مصطفے ٰ کمال کے اس تحکمانہ خطاب کے بعد کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا اور فوراً جمعیت الوطنی کا اجلاس طلب کیا گیا تاکہ وہ اس تجویز پر بحث کرے۔ جمعیت کے اجلاس کے دوران مصطفے ٰ کمال نے محسوس کیا کہ اکثریت کی رائے اُس کی تجویز کے خلاف ہے یعنی تجویز کا مسترد کر دیا جانا طے ہے لہٰذا اُس نے اپنے وفاداروں کو اپنے پاس بلایا اور کہا کہ اس تجویز پر اب بغیر کسی مزید بحث کے فوراً ہاتھ اُٹھوا کر رائے شماری کرالی جائے۔ نمائندگان نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس تجویز پر بغیر بحث کے رائے شماری ہونا ہی ہے تو پھر یہ رائے شماری ہاتھ اُٹھا دینے سے نہیں بلکہ ہر نمائندے کے نام کے ساتھ اُس کی رائے (Vote) ہو گا۔ مصطفے ٰ کمال کو منظور نہیں تھا، وہ غصے میں دھمکیاں دیتے ہوئے چیخ اُٹھا:
’’مجھے یقین ہے کہ جمعیتِ نمائندگان کو یہ تجویز منظور ہو گی، لہٰذا یہ کافی ہے کہ رائے شماری محض ہاتھ اُٹھا کر لی جائے ‘‘۔
غرضیکہ تجویز رائے شماری کے لئے رکھی گئی اور بجز چند کے کسی نے اِس تجویز کی حمایت نہیں کی، اس کے باوجود اعلان کر دیا گیا کہ اس تجویز کو نمائندگان کی جمعیت نے اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا ہے۔ اس نمائندگان سکتے میں آ گئے اور بعض اپنی کرسیوں احتجاجاًسے یہ کہتے ہوئے اچھل پڑے کہ یہ صحیح نہیں ہے، ہم نے اسے منظور نہیں کیا ہے۔ مصطفے ٰ کمال پاشا کے حامیوں نے اِن نمائندگان کو خاموش کرنے کی کوشش کی اور آپس میں ایک دوسرے کے خلاف اہانت آمیز فقروں کا تبادلہ ہوتا رہا۔ بہرحال جمعیت کے صدر نے پھر اعلان کیا کہ جمعیت نے اراکین کے اتفاقِ رائے سے سلطنت کو برخواست کرنے کا فیصلے کیا ہے !اس کے بعد اجلاس برخواست کر دیا گیا اور مصطفے ٰ کمال پاشا اپنے حامیوں کی بھیڑ میں گھرا ہوا باہر چلا گیا۔ خلیفہ وحید الدین کو جب یہ خبر ملی تو وہ ملک چھوڑ کر چلے گئے اور اُن کی جگہ اُن کے بھتیجے عبدالحمید کو مسلمانوں کا خلیفہ نامزد کیا گیا، لیکن اُن کے پاس کوئی اختیارات نہیں رہے، چنانچہ اب ریاست بغیر شرعی حاکم کی ریاست بن گئی تھی۔
اب اگر سلطنت یا حکومت کو خلافت سے علیحدہ کر ہی دیا گیا تھا تو اصل حاکم کون رہا؟مصطفے ٰ کمال تو شروع سے خلافت کو سلطنت سے جدا کر دینے کا شدید عزم رکھتا تھا اور ایسا کر دینے سے پہلے اُس نے یہ بھی واضح نہیں کیا تھا کہ اب ترکی پر نئی حکومت کی شکل یا نوعیت کیا ہو گی؟سلطنت کو برخواست کر دینے کے بعد اس نئی شکل کی وضاحت ناگزیر ہو گئی تھی۔ کیا مصطفے ٰ کمال پاشا اس نئی دستوری حکومت کا صدر ہو گا اور خلیفہ کو محض نام نہاد بغیر کسی حقیقی اقتدار کے برائے نام رکھے گا؟اگر ایسا ہوتا تو سلطنت کو برخواست کر دینے کے اُس فیصلے کی کیا حیثیت رہ گئی؟مصطفے ٰ کمال نے نئی حکومت یا وزارت تشکیل کرنے سے انکار دیا تھا اور اپنا منشاء بھی ظاہر کرنے سے گریز کر رہا تھا۔ اس کے بعد اپنی طاقت و اقتدار اور اس کے بل پر جو اسے عوام پر حاکمیت میسّر تھی اُس کی بناء پراُس نے ایک جماعت وضع کی جس نام عوامی پارٹی رکھا جس کا مقصد عوامی رائے عامہ کو اپنے حق میں کرنا تھا کیونکہ وہ دیکھ چکا تھا کہ باوجود اس کی قوت کے، خلافت کو حکومت سے علیحدہ کرنے پر مجلسِ ملّی کی بڑی اکثریت اس کے خلاف تھی۔ اب حکومت کی جو شکل اُس نے طے کر رکھی تھی اس کا اعلان کرنے پر غور کر رہا تھا، یعنی ترکی کے ایک جمہوریت ہونے اور خود کو اس جمہوریت کا صدر ہونے کا اعلان کرنا زیرِ غور تھا۔ اس نے مجلس ملی کے خلاف مہم شروع کی جس سے ایک سیاسی بحران کھڑا ہو گیا اور وزارت نے اپنا استعفیٰ مجلسِ ملی کودے دیا جبکہ مجلسِ ملی میں کوئی بھی حکومت کی ذمہ داری سنبھالنے والا نہ تھا، چنانچہ اس بحران سے نمٹنے کے لئے مجلسِ ملی نے تجویز رکھی کہ مصطفے ٰ کمال وزارت سنبھالے۔ پہلے تو اُس نے اپنی عدم رغبت ظاہر کی لیکن پھر حامی بھر لی اور مجلس ملی کو مخاطب کیا:
’’اے صاحبان! آج اِس بحران کی گھڑی میں آپ لوگوں نے مجھے طلب کیا ہے جبکہ یہ بحران اصل میں آپ ہی لوگوں کا پیدا کردہ ہے۔ یہ مسئلہ کوئی عبوری نوعیت کا نہیں بلکہ ہمارے نظامِ حکومت کی ایک بنیادی غلطی ہے۔ اس وقت اس مجلسِ ملّی کے ذمہ دو کام ہیں، ایک قانون سازیLegislative) اور دوسرا اس کا نفاذ(Executive)۔ مجلسِ ملی کا ہر نمائندہ کسی بھی وزارتی فیصلے، حکومتی محکمے اور ہر وزیر کے کام میں مداخلت کرنا چاہتا ہے۔ اے صاحبان! ان حالات میں کوئی بھی وزیر نہ اپنا کام اور ذمہ داری کو سمجھ سکتا ہے اور نہ نباہ سکتا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی منصب قبول کر سکتا ہے۔ آپ پر لازم ہے کہ آپ حکومت کی اساس کو سمجھیں، اِن کے بغیر کوئی حکومت قائم نہیں رہ سکتی اور جب حکومت نہیں رہے گی تو افراتفری ہو گی۔ ہم پر لازم ہے کہ اس صورتِ حال کو تبدیل کریں۔ لہٰذا میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ترکی ایک جمہوریت(Democratic Republic) ہو گی جس کا منتخب صدر ہو گا‘‘۔
اس خطاب کے فوراً بعد ایک فرمان (Decree) کا اعلان کیا گیا جو پہلے سے ہی تیار کر لیا گیا تھا جس میں ترکی کو جمہوریت اور مصطفے ٰ کمال پاشا کو اس جمہوریتِ ترکی کا منتخب صدر بتایا گیا۔ اس طرح اُس نے خود اپنی حیثیت ایک قانونی حاکم کی بنا لی۔
البتہ معاملات اُس نہج پر نہیں چلے جو کمال پاشا چاہتا تھا، حقیقت یہ تھی کہ ترک عوام تو بہرحال مسلمان تھے جبکہ جو کچھ کمال پاشا کر رہا تھا وہ مخالفِ اسلام تھا۔ لہٰذا پورے ملک پر یہ بات آشکارہ ہو گئی کہ کمال پاشا اسلام کو ہی مٹا دینے کا ارادہ کئے ہوئے ہے۔ خود کمال پاشا کی ذاتی زندگی کے افعال اور تصرفات اس اندیشے کو پختہ کر رہے تھے کیونکہ وہ اسلامی احکام سے انکار کے مترادف تھے۔ مسلمانوں کو جو کچھ نہایت عزیز تھا اور جس کی وہ تقدیس کرتے تھے، کمال پاشا اُن کا مذاق اُڑاتا تھا۔ لہٰذا جمہورِ مسلمین کو یہ یقین تھا کہ انقراؔ کے نئے حکام قابلِ لعنت کافر ہیں اور وہ خلیفہ عبدا لمجید کے اطراف جمع ہونے لگے تاکہ اقتدار پھر خلیفہ کے حق میں آ جائے اور وہ عبدالحمید کو حاکمِ بنا کر انقراء کے مرتدوں کا خاتمہ کرے۔ کمال پاشا اس خطرے کو خوب بھانپ چکا تھا اور اسے یہ اندازہ بھی ہو گیا تھا کہ عوام کی اکثریت اب اُس سے نفرت کرتی ہے اور اُس کو زندیق، ملحد اور کافر تصور کرتی ہے۔ کافی غور و فکر کے بعد اُس نے خلیفہ اور خلافت دونوں کو بدنام کرنے کی مہم بڑے زورو شور سے چلائی۔ اپنی اس مہم اور ساتھ ہی اپنی تحکمانہ چالوں سے وہ مجلسِ ملی پر اثرانداز ہوا اور وہاں سے ایک قانون کی منظوری دلوائی جس کی رو سے جمہورۂ ترکی کی مخالفت یا سلطان سے ہمدردی رکھنا قانوناً جمہورۂ ترکی سے بغاوت کے مترادف ہو گا اور اِس کی سزا موت مقرر کی گئی۔ اس کے بعد وہ ہر مجلس اور ہر موقع پر خاص کر مجلسِ ملی میں خلافت کے اپنی دانست میں نقصانات بتانے لگا تاکہ بالآخر خلافت کو سرے سے قانوناً منسوخ کر سکے۔ بعض اراکین نے بین الاقوامی تعلقات اور سفارتی پہلوؤں سے خلافت کے فوائد بھی بتائے تو کمال پاشا نے اُن کی مخالفت کی اور مجلسِ ملی سے کہا:
’’کیا محض خلافت، اسلام اور علماءِ دین ہی کے باعث اور اُن ہی کی خاطر ترک دیہاتی پانچ صدیوں سے لڑتے اور مرتے نہیں آ رہے ہیں ؟اب وقت آ گیا ہے کہ ترکی ہندوستانیوں اور عربوں کو چھوڑے اور اپنے مفاد کو مدِّ نظر رکھے اور مسلمانوں کی قیادت سے خود کو بچائے رکھے ‘‘!
اس طرح کمال پاشا خلافت کے مبینہ نقصانات بتا تا کہ خلافت اور خود خلیفہ ترک لوگوں کے لئے نقصان کا باعث ہیں۔ اُس نے خلیفہ اور اُن کے ساتھیوں کو ملک کے غدار اور انگریزوں کی کٹھ پتلی کہہ کر رسوا کرنا چاہا اور کرتا رہا۔ اس سے بھی آگے بڑھ کر اُس نے خلافت کے حامیوں کو دہشت زدہ بھی کیا۔ ملّی مجلس کے ایک رکن نے جب خلافت کو ناگزیر بتایا اور دین کی حفاظت کا فریضہ یاد دلایا تو کمال پاشا نے اپنے ایک آدمی کو پابند کیا کہ وہ فوراً اُسے قتل کر دے، چنانچہ جب وہ مجلسِ ملی سے اپنے گھر لوٹ رہے تھے تو کمال پاشا کے آدمی نے انہیں قتل کر دیا۔ مجلسِ ملی کے ایک اور رکن نے ایک تقریر کی جو دینی نوعیت کی تھی، کمال پاشا نے اُنہیں طلب کیا اور خبردار کیا کہ اگر اُنہوں نے اپنا منہ بند نہ رکھا تو اُنہیں پھانسی دے دی جائے گی !اس طرح اُس نے ملک کے طور و عرض میں دہشت پھیلائی۔ کمال پاشا نے استنبول کے والی(Governor) کو حکم دیا کہ خلیفہ جب جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لئے جاتے ہیں تو اُن کی سواری کے جلوس کی شان بان کو ختم کر دیا جائے۔ خلیفہ کے حامیوں کو دھمکیاں دیں کہ وہ اُن کا ساتھ چھوڑ دیں اور پھر خلیفہ کا وظیفہ کم کر کے نہایت حقیر سی رقم رکھی۔ کمال پاشا کے بعض اعتدال پسند حامیوں نے اِن سب کچھ دیکھا تو اُن کی اسلامی حمیت رنگ لائی اور اُنہیں خلافت کے خاتمہ کا اندیشہ ہونے لگا تو اُنہوں نے خود کمال پاشا سے گزارش کی کہ وہ ہی مسلمانوں کا خلیفہ بن جائے لیکن اُس نے اسے قبول نہیں کیا۔ اُس کے پاس دو وفد آئے، ایک مصر سے اور دوسرا ہندوستان سے اور دونوں نے بار بار یہی گزارش کی کہ خود کمال پاشا مسلمانوں کی خلافت سنبھال لے لیکن اُس نے انکار کر دیا۔ اب وہ خلافت کے منسوخ کئے جانے کے اعلان کی تیاری کر رہا تھا۔ کمال پاشا نے بیرونی لوگوں کے خلاف عوام، فوج اور مجلسِ ملی میں خوب نفرت پھیلائی جو در حقیقت محض ایک ڈھونگ تھا تاکہ خلیفہ کو اُن بیرونی طاقتوں کی کٹھ پتلی بنا کر بدنام کیا جائے اور رائے خلافت سے ہمدردی نہ رکھے۔ اس طرح پورے ملک میں افواہوں پھیلائی گئیں اور ماحول کو خلیفہ کے مخالف بنایا گیا۔ جب پورا ماحول ان زہر آلود افواہوں کا شکار ہو گیا تو کمال پاشا نے اپنا اگلا قدم بڑھایا اور ۳ مارچ ۱۹۲۴ ء کو مجلسِ ملت میں قرار داد رکھی جس کی رو سے خلافت کی منسوخی، خلیفہ کی برطرفی اور اسلام کی حکومت سے بے دخلی شامل تھے۔ اس قرارداد کو پیش کرتے وقت اُس نے مجلسِ ملت سے خطاب کیا اور کہا:
’’کس قیمت پر جمہوریۂ ترکی کو جو خطروں میں گھری ہے بچایا جا سکتا ہے اور اسے مستحکم بنیادوں پر قائم کیا جا سکتا ہے ؟ خلیفہ اور آلِ عثمانؓ کے کوڑے کرکٹ کو اب جانا ہی پڑے گا۔ وقت آ گیا ہے کہ دقیانوسی عدالتیں ختم ہوں اور اُن کی جگہ جدید طرز کی عدالتیں لیں جن میں نئے قوانین ہوں اور مذہبی لوگوں کے بوسیدہ مدارس اب نئے حکومتی مدارس کو جگہ دیں جو دین سے علیحدہ ہوں ‘‘۔
پھر اس نے ’’مذہبی لوگوں ‘‘ پر حملہ کیا، پھر ایک مطلق العنان حاکم کی طرز پر اُس نے خود ہی اِس قرار داد کو بغیر کسی بحث کے مجلسِ ملت سے منظور شدہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ اس کے بعد اُس نے استنبول کے حاکم کو حکم بھیجا کہ خلیفہ اگلے روز فجر سے پہلے ترکی چھوڑ جائیں۔ حاکم استنبول کچھ پولیس کے سپاہی اور فوج کو لے کر نصف شب کو خلیفہ کے محل پہنچے اور خلیفہ کو مجبور کیا کہ وہ فوراً ملک چھوڑ دیں اور اُنہیں سرحد تک چھوڑا لیکن ساتھ میں صرف ایک صندوق لے جانے دیا جس میں اُن کے کپڑے اور کچھ نقد تھا۔
اس طرح کمال پاشا نے اسلامی ریاست کا خاتمہ اور اسلامی نظام کو منہدم کیا اور ایک استعماری(Capitalist) ریاست قائم کی جہاں استعماری نظام رائج کیا گیا۔ اس طرح اسلامی ریاست کے خاتمے کا جو خواب کفار صلیبی جنگوں کے زمانے سے صرف دیکھ رہے تھے وہ کمال پاشا نے سچ کر دکھایا!

اسلامی ریاست کے قیام کو ناممکن بنایا جانا

پہلی عالمی جنگ کے اختتام پر حلیف طاقتوں نے اسلامی ریاست کے ہر حصے پر اپنا قبضہ کر لیا تھا، اُن کا مقصد اسلامی ریاست کو ختم کرنا تھا اور اس طرح ختم کرنا مقصود تھا کہ پھر کبھی دوبارہ یہ ریاست دنیا کے نقشہ پر نہ ابھرسکے۔ چنانچہ ریاست کے خاتمے کے بعد وہ اسی کوشش میں رہے کہ یہ ریاست دنیا کے کسی بھی حصے میں پھر اُٹھ نہ سکے۔ اُنہوں نے کئی منصوبے بنائے اور ایسے اقدامات کئے کہ اسلامی ریاست کے کبھی نہ اُٹھنے کو یقینی بنایا جا سکے اور وہ آج بھی وہ اسی مقصد پر قائم ہیں اور اُنہیں اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔
اسلامی ممالک پر قابض ہونے کے بعد مستعمر ین اِن ممالک میں اپنی گرفت کو مضبوط رکھنے اور اپنے منصوبے کے مطابق وہاں حکومت کرنے میں مشغول ہیں۔ ۱۹۱۸ ء میں قابض ہونے کے بعد اُنہوں نے ۱۹۲۲ ء تک بعض ممالک میں اپنی فرماں روائی (Mandatory Rule) رکھی اور بعض دوسرے ممالک میں مقامی خود مختاری(Self Rule) رکھا۔ پھر ۱۹۲۴ ء میں دشمنوں نے خاص طور پر برطانیہ نے ایسے کئی اقدامات کئے کہ جہاں کہیں بھی اسلامی ریاست کے احیاء کا ذرا بھی امکان ہو اُنہیں وہیں کچل دیا جائے۔ اسی سال کمال پاشا نے اپنے آقاؤں کے براہِ راست ایماں خلافت کو منسوخ کر کے ترکی میں جمہوریت قائم کی اور اس آخری امکان کا بھی خاتمہ کر دیا۔ اسی سال حسین ابن علی کا حجازؔ سے اخراج کر کے مالٹا ؔ میں قید کیا گیا کیونکہ اُس کی نظر خلافت پر تھی۔ اسی سال انگریزوں نے اپنے ایجنٹوں کی مدد سے قاہرہ میں ہونے والی خلافت کانفرنس کو منسوخ کرایا۔ اور اسی سال انگریزوں نے ہندوستان میں تحریکِ خلافت کو ختم کرنے اور اُن کی کاوشوں کو رائے گاؑ کرنے کے مقصد سے بڑی جد و جہد کر کے اس تحریک کو ایک قومی رنگ دے دیا اور اس کا اصل مقصد فراموش ہو گیا۔ ۱۹۲۴ ء میں ہی انگریز بعض ازہری علماء پر اس قدر اثر انداز ہوئے کہ علماء ازہر نے کئی کتابوں کی تالیف کی جن میں دین کو حکومت سے بے دخل کر دینے کے لئے کہا گیا تھا۔ ان کتابوں میں بتایا گیا تھا کہ اسلام میں در اصل حکومت یا ریاست کا کوئی نظام ہے ہی نہیں اور یہ کہ اسلام محض ایک روحانی(کہنوتی) مذہب ہے۔ اس سال اور اس کے بعد کے سالوں میں عرب ممالک میں ایک بحث چھیڑ دی گئی کہ آیا مسلمانوں کے حق میں کیا عرب لیگ زیادہ مفید ہو گی یا اسلامی لیگ؟اخباروں اور رسالوں میں مدتوں اس بحث پر پر ولولہ انگیز مضامین شائع ہوتے رہے، اور یہ حقیقت فراموش کر دی گئی کہ یہ دونوں یعنی عرب لیگ اور اسلامی لیگ دونوں ہی لا حاصل ہیں۔ دونوں کا مقصد اصل موضوع پر بحث سے روگردانی تھا یعنی اسلامی ریاست سے توجہ ہٹانے کے مقصد سے اِن بحثوں کا اجراء کیا گیا تھا۔ ایسی کوششوں سے دشمن نے مسلم عوام کے ذہنوں سے خلافت اور اسلامی ریاست سے توجہ کا رخ موڑ کر سطحی اور لاحاصل مقاصد میں الجھا دیا۔
اپنے براہِ راست قبضے سے پہلے مستعمرین ترکی عوام کو قوم اور وطن پرستانہ نعرے دیا کرتے تھے جن میں کہا جاتا تھا کہ ترکی بلا وجہ غیر ترکوں کا بار اُٹھائے ہوئے ہے اب وقت آ گیا ہے کہ اُن غیر ترکی مسلمانوں کو اُن کے حال پر چھوڑ دیا جائے۔ ترکی کی سیاسی جماعتیں بھی اسی ایجنڈے پر مصروفِ کار تھیں، وہ ترکی میں قوم پرستی کی دعوت دیتی تھیں اور ترکی کی غیر ترکی لوگوں سے آزادی کی مانگ کرتی تھیں !کافروں نے یہی افکار عرب نوجوانوں میں بھڑکائے اور عرب وطن پرستی کی خوب ہمت افزائی کی۔ عربوں میں اُنہوں نے ترکی کو ایک قابض طاقت کے طور پر پیش کیا اور عربوں کو اُکسایا کہ وہ ترکی کے اس قبضے سے خود کو نجات دلائیں :عرب میں بھی سیاسی جماعتیں وجود میں آئیں جو عرب وطن پرستی کی دعوت دیا کرتی تھیں۔ اِن وطن پرست جماعتوں نے جلدی ہی ذہنوں کو موہ لیا اور اسلامی افکار کی جگہ لوگ اب وطن پرستی کے دلدادہ ہو گئے۔ نتیجتاً ترکی کو اسی وطن پرستی کی بنیاد پر ’’آزادی‘‘ حاصل ہوئی اور ادھر عرب بھی اسی قوم پرستی کی جغرافیائی حدود میں ’’آزادی‘‘ کے طالب ہو گئے اور قوم پرساتانہ اور وطن پرستانہ نعروں سے فضاء گونج اُٹھی اور مسلمان اِن نعروں کو اپنے باعثِ اعتزاز و افتخار سمجھنے لگے۔ پھر استعمار نے اسلامی نظامِ حکومت اور بالذات اسلام کے غلط مفاہیم مسلمانوں میں شائع کئے جیسے کہ خلافت ایک قسم کی روحانی قیادت ہے جیسے عیسائیوں میں پوپ ہوتا ہے۔ مسلمان خلیفہ کے لفظ سے شرمسار ہو گئے اور خلافت کی طلب سے شرمانے لگے۔ مسلمانوں میں یہ خیال عام ہو گیا کہ خلافت ایک پچھڑی ہوئی دقیانوسی شئے ہے اور کسی تعلیم یافتہ شخص کے لئے یہ نام لینا عار ہے اور اہلِ فکر کے لئے یہ باعث شرم!
وطن پرستی کی اِن زہر آلود فضاؤں میں ریاستِ اسلامی تقسیم ہو کر کئی چھوٹے چھوٹے ممالک میں بنٹ گئی اور ہر ملک کے عوام کے جذبات اسی ملک سے جڑنے لگے۔ ریاست میں کہیں ترکی بنا تو کہیں عراق، سیریا، مصر فلسطین، تو کہیں لبنان، اردن حجاز، نجد اور یمن وجود میں آئے۔ اِن ممالک میں کافر مستعمرین کے ایجنٹ سیاست دانوں کے ساتھ کچھ مخلص سیاسی لوگ بھی ایسی کانفرنسوں کا انعقاد کرتے جن میں اِن ممالک کے لئے دوسرے مسلم ممالک کو چھوڑ کر آزادی کا مطالبہ شامل ہوتا۔ انہی مطالبات کے نتیجے میں ترکی، عراق، سیریا اور مصر وغیرہ عالمی نقشے پر ابھرے۔ پھر فلسطین میں یہودی کا ایک قومی دیار قائم کیا گیا جسے بعد میں ایک مستقل خودمختار ملک کی شکل دے دی گئی۔ اس کے قیام کے پیچھے دشمن ممالک خاص طور امریکہ، برطانیہ اور فرانس کا یہ مقصد پوشیدہ تھا کہ مسلمان اسرائیل نام کے اسی کانٹے میں الجھے رہیں اور اصل مستعمرین سے غافل رہیں اور یہ ملک مسلمانوں کے اپنی اسلامی ریاست کے احیاء کے لئے مستقل ایک روڑا بنا رہے۔ یہ جغرافیائی سرحدیں اور اِن میں عام فضاء اس طرح تیار کی گئیں تھیں کہ مسلمان خود کو کبھی اِن بندشوں سے نکال کر آزاد نہ ہو پائیں۔
اِن تمام ممالک کے اقتصاد میں سرمایہ داری (Capitalist) نظام نافذ کیا گیا اور حکومت میں جمہوری (Democratic) نظام مقرر کیا گیا، جبکہ انتظامیہ اور عدلیہ مغربی طرز پر وضع کی گئیں۔ کافر مغربیوں نے زندگی کے بارے میں اپنے نظریات اور مفاہیم مسلم ذہنوں میں ہر در و دریچے سے ٹھونسے تاکہ مسلمان اُنہی کے طرزِ زندگی کو اختیار کریں اور اس میں اُنہیں بڑی حد تک کامیابی بھی حاصل ہو گئی۔ مصرؔ میں پہلے سلطنت بنائی گئی پھر اس کی شکل کو بدل کر بادشاہت کے ساتھ پارلیمینٹ بھی شامل ہو گئی، یہی شکل عراق میں بھی اختیار کی گئی۔ سیریا اور لبنان میں جمہوری نظام رائج کیا گیا، جبکہ مشرقی اردن میں امارت قائم کی گئی۔ فلسطین کو پہلے انگریزوں کی فرماں روائی میں رکھا جسے بدل کر یہودیوں کے لئے پارلیمانی جمہوریت کر دیا گیا اور اردن کے مشرقی حصے میں بادشاہت کے ساتھ پارلیمینٹ کا نظام رکھ دیا گیا۔ حجاز اور یمن میں جابرانہ بادشاہت قائم کر دی گئی، ترکی میں صدارتی جمہوریت قائم کی گئی جبکہ افغانستان میں موروثی بادشاہت تھوپ دی گئی اور ایران کی شہنشاہیت کو بڑھاوا دیا گیا، البتہ ہندوستان کو اپنی نوآبادیات ہی بنائے رکھا پھر اسے دو حصوں میں بانٹ دیا۔ اس طرح کافر مستعمرین نے اسلامی ریاست کے ہر حصے پر اپنا نظامِ حکومت قائم کر دیا اور اپنے نظام کو نافذ کر کے مسلمانوں کے ذہنوں سے اسلامی ریاست کے تصور کو ہی فراموش کر دیا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ہر ملک کے عوام میں اس نئے نظام سے ایسی انسیت پیدا کر دی کہ وہ خود ہی اب اِس نئے نظام کے محافظ بن گئے کیونکہ وہ اپنے اِس نئے حصے کو ہی اپنا ملک تصور کرنے لگے تھے جس کو وہ دوسرے حصوں سے آزاد رکھنا چاہتے تھے۔ اب ایک عراقی مثلاً ترکی میں اجنبی ہو گیا تھا جبکہ ایک مصری سیریا میں اجنبی بن گیا تھا۔ حکام اب اپنے اس نئے جمہوری سرمایہ داری نظام کی حفاظت اپنے ملک کے عوام کی حفاظت سے زیادہ کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔ اِن حکام کی حیثیت اب اپنے مستعمر کافر کے تنخواہ دار بن گئے تھے جو اپنے آقا کے قائم کردہ نظام اور دستورکی حفاظت پر مامور تھے۔ اس نظام اور دستور کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو وہ ایک قانونی جرم تصور کرتے تھے جو مستعمرین کے نافذ کردہ نظام میں سزا کا مستحق ہے۔
اب تک کافر مستعمرین اپنے مغربی قوانین براہِ راست مسلمانوں پر نافذ نہیں کر رہے تھے لیکن اب اُن کا طرزِ عمل بدلا، اور وہ بجائے اپنے ہمنواؤں کے براہِ راست مغربی قوانین اسلامی ممالک میں نافذ کرنے لگے۔ اُنہوں انیسویں صدی کے اوائل میں مغربی قوانین نافذ کرنے کی کوشش شروع کی، انہوں نے مصر کو اس بات کے لئے اکسایا کہ وہ شریعت کی جگہ فرانسسی قوانین اختیار کرے اور وہ اس میں کامیاب ہو گئے، مصر میں ۱۸۸۳ ء میں فرانسسی دیوانی قوانین اختیار کر لئے گئے۔ قدیم فرانسسی نظام عدلیہ کا ترجمہ کر کے اسے اختیار کر لیا جس نے مصر میں شرعی قوانین کی جگہ حاصل کر لی۔ ۱۸۵۶ ء میں عثمانی ریاست میں بھی ایسی ہی کوشش کی گئی لیکن وہاں یہ اتنا آسان نہیں تھا کیونکہ عثمانی ریاست ہی خلافت کا مرکز تھی، پھر بھی کافر مستعمرین مُصِر رہے اور اپنے ایجنٹوں اور ہمنواؤں کی کوششوں سے وہ فرانسسی قوانین اور غیر اسلامی تجارتی احکامات نافذ کرنے میں کامیاب رہے، اُنہوں نے ایسے فتوے حاصل کر لئے جن میں کہا گیا تھا کہ یہ قوانین اسلام کے منافی نہیں ہیں !اب قانون سازی کا تصور اپنی جڑیں پکڑ چکا تھا۔ شرعی قوانین کا ایک رسالہ تیار کیا گیا اور عدالتوں کو دو قسموں میں تقسیم کر دیا گیا:شرعی عدالتیں جہاں احکامِ شرعی رواں تھے اور دوسری نظامی عدالتیں جہاں مغربی قوانین کے اعتبار سے فیصلے ہوتے تھے اور اس بارے میں فتوے تھے کہ یہ اسلامی قوانین سے متناقض نہیں ہے، اِن نظامی عدالتوں میں کچھ شرعی قوانین کی بھی آمیزش باقی رکھی تھی جن کو مغربی قوانین کے مطابق ڈھال لیا گیا تھا۔ یہ تو ہوا احکامات و قوانین کا حال، اس سے آگے بڑھ کر یہ کوششیں بھی ہوئی کہ حکومت کے لئے فرانسسی دستور کی طرز پر دستور کی تدوین کی جائے۔ ۱۸۷۸ ء میں یہ کاوش قریب تھا کہ کامیاب ہی ہو جاتی لیکن بعض مسلمانوں کی شدید مزاحمت نے اسے روک دیا۔ کافر مستعمرین اس سے کب ماننے والے تھے، اُنہوں نے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور اُنہوں اپنے ہمنواؤں اور اُن لوگوں کا بھرپور تعاون حاصل رہا جو مغربی تہذیب زدہ تھے۔ اب ایک تحریک نے جنم لیا اور اس دستور کی تدوین کا کام شروع ہوا جو کامیاب رہا۔ اس نئے دستور پر ۱۹۰۸ ء میں عمل شروع ہو گیا۔ اسے اختیار کر لینے کے بعد سوائے جزیرہ نمائے عرب اور افغانستان کے تمام مسلم ممالک پر اب مغربی قوانین کی تنفیذ مکمل ہو گئی تھی۔ اب شرعی احکام کو ترک کر کے مغربی قوانین اسلامی ریاست میں رواں ہونے لگے تھے۔ کافر مستعمرین کا جہاں بھی اسلامی ممالک پر قبضہ ہوتا گیا وہ اپنے قوانین کی تنفیذ کرتے رہے، اسلامی شرعی احکام متروک ہوتے رہے، کفر کے احکام اپنے قدم جماتے رہے اور وہ ممالک اسلامی نظامِ حکومت سے دور ہوتے گئے۔ کفار کے اس منصوبے میں انہیں سب سے زیادہ معاونت اُن کے وضع کئے ہوئے تعلیمی نظام سے ملی جسے اُنہوں نے نافذ کر رکھا تھا اور جو پالیسی آج بھی سارے اسلامی ممالک میں جاری ہے۔ آج مسلم ممالک میں اِس مغربی نصابِ تعلیم کے تربیت یافتہ اساتذہ کی بڑی فوج ہے جو اس پالیسی کی معاونت کر رہی ہے اور اس کے بقاء کو یقینی بنا رہی ہے، جن کے ہاتھ میں اس کی کامیابی کی باگ ڈور ہے اور جو نظام اپنے بنانے والے مستعمرین کی مرضی کے عین موافق کاربند ہے۔ یہ نصابِ تعلیم اور اس کی پالیسی دو اہم بنیادوں پر منحصر ہے :اِن میں پہلی بنیاد یہ ہے کہ دین کو زندگی کے معاملات سے بے دخل کر دیا جائے، جس کا براہِ راست نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ حکومت سے بھی دین بے دخل ہو جاتا ہے۔ اس کا براہِ راست نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اِس نظام کے تعلیم یافتہ تلامیذ ہی اسلامی ریاست کے بننے کی مخالفت کرنے لگتے ہیں کیونکہ یہ ریاست ان کی حاصل کردہ تعلیم سے ٹکراتا ہے اور اس کے متناقض ہے۔ اِن کے تھوپے ہوئے نصابِ تعلیم کی دوسری بنیاد یہ اصول ہے کہ کافر مستعمر کی شخصیت کو وہ بڑھتے ہوئے ذہنوں میں اس قدر پر فریب اور سحر کن بنا کر کے پیش کرتے ہیں اس نظامِ تعلیم سے فارغ تلامیذ کے لئے وہی شخصیت قابلِ اتباع بن جاتی ہے اور وہ اس فریب سے آزاد نہیں ہو پاتے اور انہیں اپنے احترام و تعظیم کا مستحق گردانتے ہیں اور ان کی تقلید کرنے لگتے ہیں اور اُن کی تہذیب و نظریات کو اختیار کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ اسی بنیاد کا دوسرا رخ یہ ہے کہ وہ ایک مسلمان کے ساتھ اس کے بالکل برعکس رویہ اختیار کر لیتا ہے اور اسے حقارت سے دیکھ کر اُس سے ذہنی طور پر دور ہو جاتا ہے اور اپنے اس تنفر اور کراہت آمیز سلوک کے باعث وہ ایک مسلمان سے کچھ سیکھنے یا حاصل کرنے سے گریز کرتا ہے اور نتیجتاً اسلامی ریاست کو وہ ایک دقیانوسی نظام سمجھ کر اس کے احیاء میں سب سے بڑا روڑا بن جاتا ہے۔
کافر مستعمرین نے اسکولوں میں اپنا نصاب رائج کر دینے پر اکتفاء نہیں کر لیا، جن پر وہ خود اور اُن کے تنخواہ دار ایجنٹ نظر رکھتے ہیں، بلکہ اس سے آگے بڑھ کر اُنہوں مشنری اسکول کھولے جہاں تعلیم خالص اسی منشاء سے ہوتی ہے، انہوں نے ثقافتی مراکز کی بنیاد رکھی جو انہی غلط سیاسی افکار کی تبلیغ کرتے ہیں۔ ایسے نظامِ تعلیم، اور مستعمرین کے بنائے ہوئے نصابِ تعلیم اور ساتھ میں تعلیم یافتہ طبقے کے لئے ثقافتی مراکز ذہنوں کو اسلامی ریاست کے قیام کی طرف فکر کرنے سے مانع رکھتے ہیں اور قدم بڑھانے سے روکتے ہیں۔
کافر مستعمرین نے اسلامی ممالک میں ایک متعین سیاسی پروگرام تو وضع کر دیا لیکن اس کو ایسے ہی نہیں چھوڑ دیا بلکہ اس کے تحفظ کے لئے باقاعدہ قوانین بھی وضع کئے گئے تاکہ صرف وہی سیاسی نقطۂ نظر وہاں جاری رہے اور اُس کی خلاف ورزیاں نہ ہوں۔ اِن قوانین میں ایسی کسی بھی سیاسی جماعت کی تشکیل ممنوع رکھی گئی جو اسلامی اساس پر قائم ہو۔ اِن قوانین کی رو سے مسلمانوں کی حیثیت اُس ملک میں محض ایک گروہ کی رہ گئی جبکہ دراصل مسلمان وہاں کے باشندے تھے۔ اِن قوانین کی رو سے وہاں قائم ہونے والی ہر سیاسی جماعت کے لئے یہ لازم تھا کہ وہ جماعت صرف اور صرف جمہوری بنیاد پر قائم ہو۔ اس طرح سیاسی تنظیموں کا اسلامی بنیاد پر قائم کئے جانے کو غیر قانونی بنا کر اُنہوں نے اسلامی ریاست کے احیاء اور اس کی کوشش کو ناممکن کر دیا۔ اب مسلمانوں کے لئے صرف یہ راہ کھلی تھی کہ وہ اسلام کے نام پر بس خیراتی ادارے بنائیں اور کسی بھی اسلامی سیاسی عمل سے باز رہیں۔ بعض قوانین میں تو اسلامی اساس پر سیاسی عمل اور سیاسی جماعتوں کی تشکیل کو قابلِسزا جرم کی حیثیت دی گئی۔ اس طرح ہر قسم کی پیش بندیاں کر کے اُنہوں نے اسلامی ریاست کے احیاء کو اپنی دانست میں ہمیشہ کے لئے ناممکن بنا دیا۔
مسلمانوں کو ایسے اعمال میں الجھایا گیا جو بظاہر اسلامی ہوں لیکن حقیقت میں بے سود اور مسلمان بس اُنہی کو انجام دے کر مطمئن ہو جائیں۔ اسلامی کانفرنسیں منعقد کی جانے لگیں اور حکومت نے اُن کی بڑی ہمت افزائی بھی کی، لیکن اِن کا مقصد یہ ہوتا تھا کہ مسلمان اِن کو منعقد کر کے اپنے اصل ناکام سے غافل رہیں، یعنی اسلامی ریاست کے سائے میں اسلامی زندگی کے احیاء کے کام سے غافل رہیں۔ اِن کانفرنسوں کے توسط سے مسلمان اپنی محرومی اور شکست خوردگی کو الفاظ کی شکل دے دیتے اور اُنہیں اطمینان ہو جاتا۔ اِن کانفرنسوں کی قراردادیں اخباروں میں شائع ہو جاتیں اور ریڈیو پر نشر کروا دی جاتی تھیں جس سے مقررین ادائے فرض کو مکمل محسوس کرتے لیکن کبھی اِن قراردادوں کو نافذ کرنے کی نوبت نہیں آتی!ادیبوں اور مقرروں کو بڑھاوا دیا جاتا کہ وہ اسلامی ریاست کے خطرات سے عوام کو آگاہ کریں۔ متعدد کتابیں اور رسالے منظر عام پر لائے گئے جنہیں لکھنے والے اِن حکمرانوں کے تنخواہ دار تھے، اِن میں استعمار کی دعوت کسی نہ کسی غیر محسوس اسلوب میں پہناں ہوتی تھی، تاکہ مسلمان اسلامی احکامات کے مطابق زندگی کے احیاء سے باز رہیں۔ اس طرح استعمار نے اسلامی ممالک پر قبضہ کرنے سے اب تک مختلف قسم کی اڑچنیں حائل کیں اور تاکہ جس ریاست کو وہ مٹا چکے ہیں پھر نہ اُٹھ سکے۔

مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ ریاستِ اسلامی قائم کریں

اسلامی ریاست کی بنیاد آٹھ اداروں پر قائم ہوتی ہے : خلیفہ، معاونِ تفویض(Delegated Assistant)، معاونِ تنفیذ(Executive Assistant)، امیر جہاد، والیان(Governors)، قضاء(Judiciary)، انتظامی ادارے (Administrative System)اور مجلس امت یعنی مجلسِ شوریٰ۔ جب یہ ادارے پوری طرح قائم ہو جاتے ہیں تو اسلامی ریاست کا ہیکل یا ڈھانچہ تکمیل پا جاتا ہے اور اگر اِن میں سے کسی میں کمی ہو تو ریاست کا ڈھانچہ ادھورا رہ جاتا ہے۔ لیکن بہرحال وہ اسلامی ریاست ہی رہتی ہے البتہ اگر کمی خلیفہ کی ہو تو یہ ہیکل اسلامی ریاست کا نہیں ہو سکتا کیونکہ خلیفہ اس ریاست کا اساس ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اسلامی ریاست کے چار قواعد ہوتے ہیں :ایک ہی خلیفہ کا متعین کیا جانا، اقتدار کا امت کے لئے ہونا، بالادستی یا سیادت (Sovereignty) کا شریعت کے لئے ہونا اور یہ کہ صرف خلیفہ ہی احکام شرع کی تبنی کرے یعنی قوانین وضع کرے۔ اگر اِن قواعد میں سے ایک بھی قاعدہ ناقص ہو تو حکومت غیر اسلامی ہو جاتی ہے، بلکہ ناگزیر ہے کہ یہ چاروں قواعد کو مکمل کیا ہی جائے۔ ریاستِ اسلامی کی بنیاد خلیفہ ہوتا ہے اور جو کوئی بھی اس کے علاوہ ہو وہ یا تو اس کا نائب یا مشیر ہو گا۔ اسلامی ریاست ایک خلافت ہوتی ہے جو اسلامی احکام نافذ کرتی ہے اور مسلمانوں کے تمام امور پر نگراں ہوتی ہے۔ یہ اسلامی عقائد کا حصہ نہیں بلکہ شرعی احکام کا جز ہے جو انسانی افعال سے متعلق ہیں۔
خلیفہ کا نصب کرنا مسلمانوں پر فرض ہے اور یہ جائز نہیں کہ تین راتوں سے زیادہ ایسا عرصہ گزر ے جس میں خلیفہ سے بیعت نہ کی ہوئی ہو اور اگر اتنا عرصہ گزر جائے اور تا وقتیکہ مسلمان اس کے لئے کام نہ کر رہے ہوں وہ گنہگار ہوں گے۔ خلیفہ کے متعین کئے جانے کی دلیل اللہ کی کتاب، سنتِ رسولؐ اور صحابہؓ کے اجماع سے ثابت ہے۔ قرآن حکیم میں اللہ نے اپنے رسولؐ کو یہ قطعی حکم دیا کہ ہے مسلمانوں کے درمیان حکومت اللہ تعالیٰ کے نازل کردہ احکام سے ہی کی جائے :
(فَاحْکُمْ بَیْنَھُمْ بِمَآ اَنْزَلَ اللہ وَلَا تَتَّبِعْ اَھْوَآءَ ھُمْ عَمَّا جَاءَ کَ مِنَ الْحَقِّ)
پس لوگوں کے درمیان تم اس کے مطابق فیصلہ کرو جو اللہ نے نازل کیا ہے، اور جو حق تمہارے پاس آ چکا ہے، اسے چھوڑ کر اُن کی خواہشات کی پیروی نہ کرنا (ترجمہ معانی :سورۂالمائدۃ:آیت:۴۸)
اور فرمایا:
(وَاَنِ احْکُمْ بَیْنَھُمْ بِمَآ انْزَلَ اللہ وَلَا تَتَّبِعْ اَھْوَآءَ ھُمْ وَاحْذَرْھُمْ اَنْ یَّفْتِنُوْکَ عَنْ م بَعْضِ مَآ اَنْزَلَ اللہ اِلَیْکَ ط)
اور یہ کہ تم ان کے درمیان وہی فیصلہ کرو جو اللہ نے نازل کیا ہے، اور ان کی خواہشات کی پیروی نہ کرنا، اور اُن سے نچتے رہو کہ مبادہ تمہیں فریب میں ڈال کراس کے کسی حصے سے منحرف کر دیں جو خدا نے تمہاری طرف نازل کیا ہے۔
(ترجمہ معانی :سورۂالمائدۃ:آیت:۴۹)
رسولؐ کے لئے جو خطاب ہے وہ امت کے لئے بھی ہے جب تک کہ اس کی تخصیص کی کوئی دلیل نہ ہو اور یہاں کوئی تخصص کی دلیل نہیں ہے لہٰذا یہ خطاب تمام امت کے لئے ہے کہ وہ حکومت قائم کریں اور خلیفہ کا نصب کرنا حکومت و اقتدار قائم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ سنتِ رسولؐ پر غور کریں تو مسندِ احمد اور طبرانی میں معاویہ سے حدیث روایت کی ہے فرمایا اللہ کے رسولؐ نے :
((مَنْ مات و لیس في عنقہٖ بیعۃ مات میتۃ جاھلیۃ))
جو شخص اس حال میں مرا کہ اُس کی گردن پر بیعت کا طوق نہیں، تو وہ جاہلیت کی موت مرا۔
صحیح مسلم میں ہے کہ حضرت عبداللہ ابن عمرؓ نے فرمایا کہ اُنہوں نے حضور اکرمؐ سے سنا:
((مَن خَلَعَ یَداً مِنْ طاعۃ لقي اللہ یوم القیامۃ ولا حجۃ لہ و مَنْ مات و لیس في عنقہٖ بیعۃ مات میتۃ جاھلیۃَ ))
جس کسی نے (امیر کی) اطاعت سے اپنا ہاتھ کھینچ لیا تو وہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ سے اس حال میں ملے گا کہ اُس پر کوئی حجت نہیں ہو گی اور جو شخص اس حال میں مرا کہ اُس کی گردن پر بیعت کا طوق نہیں، تو وہ جاہلیت کی موت مرا۔
ہشام ابن ابی عروۃ ابی صالح سے اور وہ حضرت ابی ہریرۃ صسے نقل کرتے ہیں کہ حضور اکرمؐ نے فرمایا:
((سیلیکم بعدي ولاۃ فیلیکم البرَّ بِبرہٖ و یلیکم الفاجر بفجورہٖ فاسمعوا لھم و أطیعوا في کل ما وافق الحق فإن أحسنوا فلکم وإن أساء وا فلکم و علیھم))
میرے بعد تمہارے معاملات کے والی ہوں گے، بیک والی(حاکم) اپنی نیکی سے پیش آئے گا اور فاجر اپنے فجور سے پیش آئے گا، پس اُن کی سنو اور ہر حق بات میں اُن کی اطاعت کرو، اگر وہ اچھا کریں تو تمہارے لئے خیر ہو گی اور اگر وہ برا کریں تو یہ تمہارے حق میں اور اُن کے خلاف شمار ہو گا۔
صحابۂ کرامؓ کے اجماع سے ثابت ہے کہ اُنہوں نے حضور اکرمؐ کی وفات کے بعد جس کام کو سب سے زیادہ اہم سمجھا وہ خلیفہ کا متعین کیا جانا تھا، یہی بات صحیحین کی روایات سے ثابت ہوتی ہے اور پھر ہر ایک خلیفہ کے بعد دوسرے خلیفہ کے نصب کئے جانے میں اسی اجماع کا مظاہرہ ہوا۔ خلیفہ کے نصب کرنے کے لئے صحابہ کا اجماع اس قدر تواتر سے ہے کہ یہ اس کام اہم ترین فرض بن جاتا ہے جس کی دلیل قطعی نوعیت کی ہے۔ یہ اجماع اس بات کا بھی ہے امت کسی بھی وقت ایک خلیفہ کے بغیر نہ رہے۔ چنانچہ امت پر فرض ہے کہ وہ خلیفہ کا تعین کرے اور یہ فرض حضور اکرمؐ کی وفات سے لے کر قیامت تک کے لئے ہے۔
اس فرضیت کی حد اور اس فرضیت کے تئیں صحابۂ کرامؓ کا احساس اُن کے حضور اکرمؐ کی وفات کے وقت افعال سے واضح ہوتا ہے۔ اُنہوں نے حضور اکرمؐ کی تدفین کو اُس وقت تک انجام نہیں دیا جب تک کہ ریاستِ اسلامی پر ایک خلیفہ مقرر نہیں ہو گیا اور اس کی بیعت نہیں ہو گئی۔ یہی بات حضرت عمر بن الخطاب ؓ کے فعل سے بھی ظاہر اور واضح ہوتی ہے جب کہ اُنہیں خنجر کے زخم سے باعث موت کا عارضہ درپیش تھا۔ مسلمانوں نے اُن سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنا جانشین خلیفہ نامزد کر دیں جسے آپؓ نے پہلے انکار کیا اور پھر مزید مطالبے کئے جانے پر چھ اشخاص کو نامزد کیا جن میں سے خلیفہ کا انتخاب ہونا تھا۔ اُنہوں نے اِن چھ افراد کے لئے تین دن کا وقت بھی طے کر دیا جس کے دوران اِن اشخاص کو اتفاقِ رائے سے ایک شخص کو خلیفہ بنانا تھا۔ صرف اس پر اکتفاء نہیں کر لیا بلکہ آپؓ نے یہ بھی حکم دیا کہ اِن چھ افراد میں سے جو بھی کوئی خلیفہ کے انتخاب کی مخالفت کرے وہ قتل کر دیا جائے اور اس کام کے لئے ایک شخص کو مکلف بھی کر دیا حالانکہ یہ چھ اشخاص اہلِ شوریٰ میں سے اور جلیل القدر صحابہ تھے۔ یہ حضرات علی، عثمان، زبیر بن العوام، عبدالرحمٰن ابن عوف، سعد ابن ابی وقاص اور طلحہ ابن عبید اللہؓ تھے۔ اتنے بڑے صحابۂ کرام کو، اگر وہ ایک خلیفہ پر اتفاق نہیں کرتے، قتل کر دیا جانے کا حکم اس فرضیت کو واضح کر دیتا ہے۔
اس کے علاوہ متعدد شرعی واجبات کا انحصار خلیفہ پر ہوتا ہے، مثلاً شرعی احکام کا نفاذ، حدود کا قائم کرنا، سرحدوں کی حفاظت، مسلح افواج کی تربیت اور اُنہیں اسلحہ سے لیس کرنا، تنازعات کا رفع کرنا، تعزیرات اور امن بحال رکھنا لوگوں کے درمیان معاملات کی نگرانی وغیرہ۔ اس اعتبار سے بھی خلیفہ کا متعین کیا جانا ضروری ہوتا ہے۔
خلافت کی طلب اور اُس میں ایک دوسرے سے مقابلہ آرائی کوئی ناپسندیدہ افعال نہیں ہیں۔ صحابۂ کرامؓ نے سقیفہ بنی ساعدہ میں ایک دوسرے سے مقابلہ آرائی کی نیز اہلِ شوریٰ نے بھی خلافت کی طلب اور اس کے لئے ایک دوسرے سے مقابلہ آرائی کی۔ اس پر کسی بھی صحابی نے اعتراض نہیں کیا، اس کے برعکس خلافت کی طلب اور اس کے لئے مقابلہ آرائی کے حق میں صحابہ کا اجماع واضح اور ثابت ہے کہ یہ مشروع عمل ہے۔
مزید یہ کہ تمام مسلمانوں پر ایک سے زیادہ خلیفہ نہیں ہو سکتا کیونکہ حضور اکرمؐ نے یہی حکم دیا ہے، فرمایا:
((إذا بویع للخلیفتینِ فاقتلوا الآخر منھما))
اگر ادو خلیفاؤں پر بیعت ہو تو دوسرے کو قتل کر دو۔ (مسلم شریف:راوی : حضرت ابی سعید الخدری ص)
اور فرمایا:
((من بایع إماماً فاعطاہ صفقۃ یدہ و ثمرۃ قلبہ، فلیطعہ إن استطاع فإن جاء آخر ینازعہ فاضربوا عنق الآخر))
جو کوئی امام کی ہاتھ کے مصافحہ سے امام کی بیعت کرے اور دل سے چاہ کر کرے، پھر کوئی دوسرا آ کر اُس سے تنازعہ کرے تو اُس دوسرے کی گردن اُڑا دو۔
ایک دوسری روایت میں یہ الفاظ ہیں :
((فأضربوہ بالسیف کائنا من کان))
اسے تلوار سے مار دو، خواہ وہ کوئی بھی ہو۔
اُس دوسرے شخص کو مار دینے کا حکم اس بات پر منحصر ہو گا کہ وہ شخص قتل کئے جانے کے سوا رجوع نہ کرے گا۔ اگر صورتِ حال یہ ہو کہ ایسے کئی لوگ ہوں جن میں خلیفہ کی صفات ہوں تو خلافت اُس کی ہو گی جس پر زیادہ لوگوں کی بیعت ہو اور جو اس اکثریت کی مخالفت کرے وہ باغی ہو گا۔ یہ بات اُس وقت ہو گی جب تمام نامزدگان بنفسِ نفیس موجود ہوں، لیکن اگر ایک شخص کو جس میں خلافت کی شرائط ہوں اور اسے بیعت دے دی جائے تو وہ ہی خلیفہ ہو گا، اس کے بعد اگر مزید لوگ کسی دوسرے کو بیعت کر بھی دیں تو بھی وہی پہلا شخص ہی خلیفہ ہو گا اور دوسرے کی بیعت قابلِ اعتبار نہیں ہو گی۔ وہ شرائط جو ایک خلیفہ میں ہونا لازمی ہیں وہ یہ ہیں : مسلم ہونا، مرد ہونا، بالغ ہونا، عاقل ہونا، عادل ہونا، با صلاحیت ہونا اور آزاد ہونا۔ خلیفہ کے لئے مسلم ہونے کی شرط کی دلیل اللہ کا قول ہے :
(وَلَنْ یَّجْعَلَ اللّٰہ لِلْکٰفِرِیْنَ عَلَی الْمُؤْمِنِیْنَ سَبِیْلاً)
اور اللہ کبھی کفار کو اہلِ ایمان کے مقابلے میں کوئی راہ نہیں دے گا۔ (ترجمہ معانی :سورۂالنساء:آیت:۱۴۱)
خلیفہ کے لئے مرد ہونے کی شرط کے لئے اللہ کے رسولؐ کی حدیث ہے کہ آپؐ نے فرمایا:
((لن یفلح قوما ولّوا أمرھم أمرأۃ))
وہ قوم ہر گز فلاح یاب نہیں ہو سکتی جو اپنے امور عورت کے سپرد کر دے۔
خلیفہ کے لئے عاقل اور بالغ ہونے کی شرط حدیث سے ماخوذ ہے، فرمایا:
((رفع القلم عن ثلاثۃ: عن النائم حتی یستیقظ، وعن الصبي حتی یحتلم، وعن المجنون حتی یعقل))
تین قسم کے لوگوں سے قلم اُٹھا لی گئی ہے : ایک وہ جو سویا ہو ہو جب تک کہ وہ بیدار نہ ہو جائے، دوسرا وہ بچہ ہے جو سنِ بلوغ کو نہ پہنچے اور تیسرا وہ مجنون ہے جب تک کہ اس کی عقل صحیح نہ ہو جائے۔
چنانچہ جس شخص پر سے قلم اُٹھا لے گئی ہو وہ شرعاً مکلف نہیں ہوتا لہٰذا اس کا خلیفہ یا کوئی حاکم ہونا صحیح نہیں کیونکہ اُس میں تصرفات کی صلاحیت نہیں ہوتی۔
خلیفہ کے لئے یہ لازم ہے کہ وہ عادل ہو اور یہ شرط اس میں ہمیشہ رہے، کیونکہ اللہ نے ایک گواہ کے لئے جب عادل ہونے کی شرط رکھی ہے تو ایک خلیفہ کے لئے یہ شرط اولیٰ ہو جاتی ہے :
(وَّ اَشْھِدُوْا ذَوَیْ عَدْلٍ مِّنْکُمْ )
((اور اپنے میں سے دو صاحبِ عدل آدمیوں کو گواہ بنا لو، ))(ترجمہ معانی :سورۂالطلاق:آیت:۲)
خلیفہ کے لئے آزاد ہونے کی شرط کا سبب یہ ہے کہ ایک غلام اپنے آقا کی ملکیت ہوتا ہے اور خود اُس کا اپنا کوئی تصرف نہیں ہوتا لہٰذا یہ اولیٰ ہوا کہ وہ کسی اور پر تصرف بھی نہیں رکھ سکتا اور لوگوں کے امور پر والی نہیں ہو سکتا۔
خلیفہ کے لئے صلاحیت کی شرط ہونا اس لئے ضروری ہے اس کے بغیر خلافت کی ذمہ داریاں اُس پر بوجھ بن جائیں گی جن جے باعث احکام کے نفاذ میں تفریط ہونے اور حقوق کے ضائع ہونے کا امکان ہے اور اسلام اس بات کو جائز نہیں رکھتا۔
خلافت کے لئے یہی شروط ثابت ہیں۔ اِن کے علاوہ جن شروط کا بعض فقہا نے ذکر کیا ہے مثلاً شجاعت، اہل علم میں سے ہونا، آلِ قریش یا آلِ فاطمہ (رضی اللہ تعالیٰ عنہا)میں سے ہونا وغیرہ تو یہ خلافت کے انعقاد کے لئے یا بیعت کے صحیح ہونے کے لئے لازمی شرائط نہیں ہیں اور نہ اِن کے صحیح ہونے کی کوئی دلیل ہے لہٰذا وہ شرائط تسلیم نہیں کی جائیں گی۔ ہر مسلم مرد، جو بالغ، عاقل، عادل، آزاد اور صاحبِ صلاحیت ہو اس کے لئے یہ جائز ہے کہ اسے خلافت کی بیعت دی جا سکتی ہے اور اُس میں کسی دیگر شرط کا ہونا لازمی نہیں ہوتا۔
لہٰذا تمام مسلمانوں پر یہ فرض کتاب اللہ، سنت رسولؐ ثابت ہے کہ وہ اسلامی ریاست کو قائم کریں اور کیونکہ تمام مسلمان کفر کی حکومت میں ہیں، اُن کے ممالک میں اُن پر کافرانہ احکام منطبق کئے جا رہے ہیں چنانچہ اُن کا ملک دار الکفر ہے جبکہ وہ کبھی دار الاسلام تھا، یعنی مسلمانوں کی شہریت اسلامی ریاست کی شہریت نہیں ہے گو کہ اُن کا ملک ایک مسلم ہو سکتا ہے۔ مسلمان پر یہ واجب ہے کہ وہ دار اسلام میں رہے اور اُن کی شہریت اسلامی ریاست کی شہریت ہو اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ایک اسلامی ریاست کا قیام عمل میں آ جائے۔ مسلمان اُس وقت تک گنہگار رہیں گے جب تک کہ وہ اسلامی ریاست کے قیام کے لئے کوشش نہ کریں تا کہ اُن پر ایک خلیفہ ہو جو اسلامی قوانین نافذ کرے اور اسلام کی دعوت سارے عالم تک پہنچائے۔

اسلامی ریاست کے قیام میں حائل مشکلات

اسلامی ریاست کا قیام کوئی آسان کام نہیں ہے کیونکہ اسلامی طرزِ زندگی کے احیاء کا کام بھی کوئی سلیس امر نہیں ہے۔ کئی رکاوٹیں ہیں جنہیں عبور کیا جانا ہے اور متعدد مشکلات ہیں جنہیں دور کیا جانا ہے جس سے اسلامی طرزِ زندگی کا احیاء ہو سکے، کیونکہ یہ معاملہ بس کسی بھی ریاست کے قائم کر دینے کا معاملہ نہیں ہے اور نہ ہی ایک ایسی ریاست کا جس کا محض نام ’’اسلامی‘‘ ہو، بلکہ یہ ایسی ریاست کے قیام کی بات ہے جو اسلامی نظام کو مکمل طور سے نافذ کرے، ایسے نظام کو اسلامی عقیدے سے مستنبط ہو جنہیں یہ ریاست اللہ کے حکم ہونے کی حیثیت سے نافذ کرتی ہے۔ اس ریاست کی سرحدوں کے اندر اسلامی طرزِ زندگی کا احیاء ہو اور سرحدوں کے باہر وہ تمام عالم میں اسلام کی دعوت پیش کرتی ہے۔ یہ لازمی ہے کہ اس ریاست کی بنیاد اسلامی عقیدے پر ہو اور اس کے افکار اسلام پر مبنی اسی سے ہی ماخوذ ہوں اور اس کے قوانین اور اس کا نظم اسلامی عقیدے سے مستنبط ہو۔ تاکہ زندگی کے محرکات انسانی کے اندر سے پھوٹیں جن سے اسلامی شخصیت اور اسلامی نفسیہ انسان میں ابھرے جو اسلام کے نظام اور اس کے احکام کی تنفیذ کو اپنے جذبے اور شوق سے قبول کرے اور ذہن اِن سے مطمئن رہے۔ یہی جذبہ حاکم اور محکوم دونوں میں برابری سے موجود ہو۔ اس ریاست کی نوعیت اہلِ اقتدار جو عوام کے معاملات کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور رعایا دونوں کی سطح پر اسلامی ہونا لازمی ہے، زندگی کے ہر شعبے میں یہ ریاست مکمل اسلامی ہو جو اسلامی طرزِ حیات کا اس طرح احیاء کرے کہ یہ احیاء اس کی دعوت سارے عالم میں تمام لوگوں تک پہنچانے میں معاون ہو۔ اسی حالت میں غیر مسلم اسلامی کی روشنی اس ریاست میں محسوس کر کے فوج در فوج اسلام کو اختیار کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی طرزِ زندگی کے احیاء اور اسلامی ریاست کے قیام کی راہ میں بیشمار مشکلات اور رکاوٹیں حائل ہیں جنہیں پہچاننا نہایت ضروری ہے تاکہ اُن پر غلبہ حاصل کیا جا سکے۔ اِن میں سے بعض مشکلات اس طرح ہیں :
۱۔۔۔ غیر اسلامی افکار و تصورات اور عالمِ اسلام پر اِن افکار کا غلبہ ہونا۔ اس کا سبب یہ ہے کہ عالم اسلامی پستی کے دور میں ہے، اس میں فکر کا انحطاط ہے، علم مفقود ہے، اور انحطاط کے باعث عقل ضعیف ہو گئی ہے۔ عالمِ اسلام پر غیر اسلامی افکار حاوی ہیں، ایسے افکار جو اسلامی نظریات سے متناقض ہیں اور جو زندگی سے ما قبل، زندگی کے دوران اور زندگی سے مابعد کے غلط فہم و فکر پر مبنی ہیں۔ ان تصورات و نظریات کو مسلمانوں کے ذہنوں میں بغیر کسی مزاحمت کے زرخیز زمین ملی اور وہ ان ذہنوں میں راسخ ہو گئے۔ مسلمانوں کی ذہنیت اور خاص طور پر تعلیم یافتہ مسلمانوں کی ذہنیت اِن غلط تصورات سے آلودہ ہو گئی۔ اِن میں ایک مخصوص ذہنیت ابھری جو اِن نظریات کی مقلد تھی، جو کسی قسم کی تخلیقی صلاحیتوں سے عاری ہے جو اسلامی مبداء کو سیاسی حیثیت سے نہ قبول کرنے کے قابل تھی، نہ اِس میں اس مبداء کی حقیقت سمجھنے کی صلاحیت۔ لہٰذا یہ ناگزیر ہے کہ اسلام کی دعوت، اسلامی زندگی کے احیاء کی دعوت ہو، غیر مسلمانوں کے لئے اسلامی افکار کی تشریح کر کے پیش کئے جائیں اور مسلمانوں اسلامی زندگی کے احیاء کے کام کی دعوت دی جائے اور اُن میں اسلامی مفاہیم کی تربیت عام کی جائے۔ اس کا ایک تقاضا یہ ہے کہ دیگر افکار کی غلطیاں اور اُن کے خطرات سے مسلمانوں کو آگاہ کیا جائے۔ چنانچہ اس دعوت کو سیاسی سطح پر دینا ہو گا اور امت کی اسلامی تہذیب کی تربیت کی جائے جس میں سیاسی پہلو عیاں ہو۔ اس طرح اس رکاوٹ پر غلبہ پایا جا سکتا ہے۔
۲۔۔۔ مستعمرین کے ذریعے نافذ کئے گئے تعلیمی نصاب اور نظام اور وہ طریقہ جس پریہ نظام اور نفاذ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں نافذ کئے جاتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ حکومت، انتظامیہ، عدلیہ میں کام کرتے ہیں یا طب اور دیگر علوم میں استاذی کرتے ہیں یا تعلیم حاصل کرتے ہیں، وہ ایک مخصوص ذہنیت رکھتے ہیں جو مستعمرین کے ایجنڈے سے عین ہم آہنگ ہوتی ہے۔ اس چیز کو ہم موجودہ نظامِ حکومت میں بخوبی دیکھ سکتے ہیں جہاں مستعمرین کی نوکرشاہی اِن ممالک کی ’’آزادی ‘‘ کے بعد مسلمان ملازموں سے تبدیل کر دیا گیا اور جن کا اصل کام اِن قوانین، نظام، تہذیب اور پالیسی کا تحفظ کرنا ہے جسے مستعمرین نے قائم کیا تھا، اس کی حفاظت اُن مستعمرین سے بڑھ کر جوش و خروش سے کرنا ہے۔ اس اڑچن سے مقابلہ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اِن ملازمین اور حکام کے ایسے افعال اور کار روائیوں کی اصل حقیقت اِن لوگوں پر اس طرح واضح کر دی جائے کہ اُن کے سامنے کافر استعمار کا غلیظ چہرا عیاں ہو جائے اور وہ اپنے اِن افعال سے اُن مستعمرین کے نظام اور افکار کی حمایت و حفاظت ترک کر دیں تاکہ دعوت مسلمانوں تک پہنچائی جاء سکے۔
۳۔۔۔ مستعمرین کے وضع کئے ہوئے تعلیمی پروگرام کا اُنہیں کے طے شدہ نہج پر اب تک جاری رہنا جس کے سبب اِن اسکولوں اور کالیجوں سے فارغین اور طلباء اُس نہج پر گامزن ہیں جو اسلام سے متناقض ہے۔ یہاں تعلیمی پروگرام سے مراد وہ سائینسی یا صنعتی پروگرام نہیں ہیں، یہ کسی مخصوص امت کے نہیں ہوتے بلکہ تمام لوگوں کے لئے یکساں ہوتے ہیں، ہماری مراد اُن کے تہذیبی پروگراموں سے ہے جو زندگی کے نقطۂ نظر پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہ اسلامی طرزِ زندگی کے احیاء کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں جیسا کہ اِن کے وضع کرتے وقت مستعمرین کا مقصد تھا۔ یہ پروگرام خاص طور پر تاریخ، ادب، فلسفہ اور تشریع کے مضامین میں عیاں ہیں، کیونکہ کسی قوم کی تاریخ دراصل اُس قوم کی حقیقی زندگی کی تفسیر ہوتی ہے، ادب اُس کی زندگی کی شعوری تصویر ہوتا ہے، فلسفہ وہ فکر ہوتی ہے جس پر اس قوم کی زندگی کے نظریات مبنی ہوتے ہیں نیز تشریع میں زندگی کے مسائل کا حل اور وہ معیار ہوتا ہے جس کے ذریعے لوگوں اور گروہوں کے آپسی تعلقات و معاملات طے کئے جاتے ہیں۔ کافر مستعمرین نے اِن کے مجموعہ کو اس خاص ترتیب سے وضع کیا کہ مسلم طالب علم ایک مخصوص ذہنیت اختیار کر لیں جس میں اُن میں سے بعض اپنی اور امت کی زندگی میں اسلام غیر ضروری محسوس ہو اور بعض دیگر اسلام سے ایسا عناد رکھتے ہیں کہ ا نکی دانست میں اسلام میں زندگی کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت ہی نہیں ہے !لہٰذا یہ نہایت ضروری ہے کہ اس عقلیہ کو تبدیل کیا جائے۔ یہ تبدیلی اِن طلباء کو اسکولوں اور کالیجوں سے باہر بڑی شدت اور گہرائی سے اجتماعی شکل میں اسلامی افکار اور شرعی احکام کی تربیت کی جائے تاکہ اس اڑچن پر غلبہ حاصل کیا جا سکے۔
۴۔۔۔ بعض علوم و معارف کو، مثلاً علم عمرانیات(Sociology)، نفسیات(Psychology)، علم تربیت(Teaching) کو اس طرح بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے کہ وہ کوئی عالمگیر یا کلی علوم (Sciences) ہوں، جبکہ دراصل یہ مشاہدات پر مبنی ہوتی ہیں۔ اِن کو سائینسی مان لیا جاتا ہے اور اِن کے حاصل کردہ نتائج پر اس طرح انحصار کیا جاتا ہے کہ وہ کوئی مسلمہ حقائق ہیں جو زندگی کے امور حل کرتی ہیں اور اِنہیں اسی حیثیت سے کالیجوں میں پڑھایا جاتا ہے، زندگی کے معاملات میں اِن نتائج سے رجوع کیا جاتا ہے اور زندگی کے امور پر اِنہیں منطبق کیا جاتا ہے۔ اِن علوم کے ماہرین یعنی Sociologists، Psychologists اور Educationists کی رائے کو قرآن اور حدیث پر مقدم رکھا جاتا ہے۔ لہٰذا اِن علوم کے طلبا ء کے افکار و نظریات مغلوط ہوتے ہیں اور وہ کوئی ایسی رائے تسلیم نہیں کرتے جو اِن علوم کے مخالف ہو۔ اِن علوم کے نتیجے میں دین کو زندگی کے امور سے بے دخل کیا جاتا ہے اور یہ ریاستِ اسلام کے قیام میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
حقیقتِ حال یہ ہے کہ یہ علوم یا مضامین سائنس نہیں ہیں کیونکہ یہ مشاہدات اور اُن سے استنباط پر مبنی ہیں۔ اِن میں تجربات نہیں ہوتے اور لوگوں پر اِن کی تطبیق کر دینا تجربات کے مترادف نہیں ہوتی۔ یہ مختلف اشخاص پر مختلف صورتوں اور حالتوں میں ہونے والے ردِّ عمل کا مشاہدہ محض ہوتے ہیں۔ اِن کی حیثیت تجربہ گا ہوں میں ہونے والے تجربات جیسی نہیں ہوتی جہاں کسی چیز کا، یا کسی چیز پر تجربہ کیا جاتا ہے۔ لہٰذا اِن علوم کی حیثیت سائینس کی نہیں ہو سکتی جو تمام اقوام کے لئے یکساں ہو بلکہ یہ کسی قوم کی ثقافت کا حصہ ہوتے ہیں۔ پھر مزید یہ کہ اِن علوم سے حاصل نتائج ظنی ہوتے ہیں یعنی اُن میں خطا ء اور اُن کے صحیح ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ یہ فرد اور معاشرے کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں اور ایک فرد کے مخصوص نظریہ پر مبنی ہوتے ہیں اور یہ نظریہ فرد سے معاشرے میں فروغ پاتا ہے اور معاشرہ اُن کے نزدیک محض افراد کا مجموعہ ہے اور جو حل ایک معاشرے کے لئے مناسب ہیں وہ ضروری نہیں کہ دیگر معاشروں کے لئے بھی موزوں ہوں، جبکہ معاشرہ فی الحقیقت افراد کے ساتھ اُن کے افکار، اُن کے احساسات اور اُن پر نافذ نظاموں سے ترکیب پاتا ہے اور جو افکار اور حل ایک انسان اور ایک معاشرے کے لئے مناسب ہیں وہی دیگر انسانوں اور معاشروں کے لئے بھی موزوں ہوں گے۔ اس طرح تمام معاشرے ایک ہی معاسرے میں ڈھل سکتے ہیں جن کے لئے ایک ہی نظام اور افکار صحیح ہوں۔ لہٰذا وہ معاشرے کی حقیقت کے غلط افکار ہیں جن کی بناء پر تربیتی معارف اور علمِ عمرانیات میں نظریات وضع کئے گئے ہیں۔ یہی حال علمِ نفسیات کا بھی ہے جہاں یہ تصورات دو اسباب سے مخطی ہیں :
اول یہ کہ دماغ کو کئی حصوں میں تقسیم کر دیا جاتا ہے اور ہر حصے کے ذمہ ایک مخصوص کام اور صلاحیت ہوتی ہے اور یہ کہ بعض ذہنوں میں کچھ مخصوص صلاحیات ہوتی ہیں جن سے بعض دوسرے اذہان محروم ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس حقیقتِ حال یہ ہے کہ دماغ ایک ہی وحدت ہے اور افکار میں فرق دراصل چیزوں کے احساس جنہیں وہ اپنی حِس کے ذریعے محسوس کرتا ہے اور اُن کے بارے میں ذہن میں سابقہ معلومات میں فرق ہونے کے سبب ہوتا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ جو قابلیت کسی ایک دماغ میں ہے وہ کسی اور دماغ میں نہیں ہوتی، بلکہ ہر ذہن میں فکر کی صلاحیت ہوتی ہے جب اُنہیں کوئی محسوس حقیقت(Tangible Reality)، احساس اور اُس چیز کے بارے میں سابقہ معلومات فراہم کی جائے۔ اذہان البتہ اشیاء میں ربط اور اُن کے بارے میں احساس کے اعتبار سے مختلف ہوتے ہیں جس طرح مثلاً آنکھیں اپنی قوتِ بصارت کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہیں۔ لہٰذا کسی بھی فرد کو کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کی جائے تو اُس میں اُس معلومات کو ہضم (Process) کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ چنانچہ صلاحیتوں کے بارے میں میں ماہرینِ نفسیات کے دعوے بے بنیاد ہیں کہ ہر ذہن کی صلاحیت مختلف ہوتی ہے۔ یہ صرف اُس لحاظ سے بظاہر مختلف ہے کہ اُس مخصوص ذہن میں جس کے سامنے ایک محسوس حقیقت پیش ہے، اس کے بارے اُس ذہن میں سابقہ معلومات وہی ہیں یا کم و بیش۔
دوسرا پہلو یہ ہے کہ علمِ نفسیات کے اعتباراُن کے ماہرین کے نزدیک دماغ میں متعدد جبلتیں ہوتی ہیں جن میں سے بعض کی دریافت ہو چکی ہے اور بعض دیگر ابھی بھی پردۂ راز میں ہیں۔ ماہرینِ نفسیات نے جبلتوں کے اس مفہوم پر غلط نظریات وضع کر رکھے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر انسانی ردِّ عمل کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ انسان میں ایک حیویت یا زندگی ہے جس کے دو پہلو ہوتے ہیں :ایک وہ جبلتیں ہیں جن کا استکمال ناگزیر ہے اور جن کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا، دوسری وہ جبلتیں ہیں جن کا استکمال گو کہ ضروری ہے لیکن بصورتِ دیگر انسان اُن کے بغیر زندہ تو رہ سکتا ہے لیکن اُس میں محرومی اور شکست خوردگی پیدا ہو جاتی ہے۔ پہلی قسم جن کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا، وہ جسمانی ضرورتیں ہیں یعنی بھوک، پیاس اور رفع حاجت۔ دوسری قسم میں جبلتِ تدین(Religious Instinct)، جبلتِ نوع (Procreational Instinct) اور جبلتِ بقاء(Survival Instinct) آتی ہیں۔ اِن جبلتوں کے محرکات، اپنے عجز اور اپنی کمی کا شعور جو جبلتِ تدین پر منتج ہوتا ہے، اپنی نسل کو محفوظ رکھنے کا شعور جس کا نتیجہ جبلتِ نوع ہے اور اپنی ذات کی بقاء کا شعور جو جبلتِ بقاء میں منعکس ہوتا ہے۔ ان کے علاوہ اور کوئی جبلتیں نہیں ہوتیں۔ باقی چیزیں اِنہی جبلتوں کے مختلف پہلو ہوتے ہیں جیسے خوف، عظمت اور شعورِ ملکیت، یہ جبلتِ بقاء کے مظاہر ہوتے ہیں یاتقدیس اور عبادت جبلتِ تدین کے پہلو ہیں اور شعورِ پدری یا شعورِ برادری جو جبلتِ نوع کے مظہر ہیں۔ ظاہر ہے کہ ماہرین نفسیات کے دماغ کی تکوین اور انسانی جبلتوں کے بارے میں دعوے بے بنیاد ہیں لہٰذا وہ مبادی(Theories) جو اِن نظریات پر مبنی ہیں وہ بھی مغلوط ہیں اور نتیجتاً وہ تعلیم جو اِن غلط نظریات پر مبنی ہے اور دی علم نفسیات کے نام سے دی جا رہی ہے وہ بھی خاطی ہے۔
لہٰذا علم عمرانیات، علم نفسیات اور علوم تربوی ایک قوم کے ثقافتی معارف ہیں جن میں وہ کچھ ہے جو اسلام سے متناقض ہے۔ چنانچہ اُنہیں سائنس کی حیثیت دینا اور زندگی کے مسائل میں اُن سے رجوع کرنا فی الحقیقت اسلامی ریاست کی از سرِ نو قیام کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ لہٰذا ہمارے لئے یہ ضروری ہے کہ ہم اِن کی حقیقی حیثیت سے دنیا کو آگاہ کریں کہ یہ تعلیمی ثقافتی امور ہیں نہ کہ کوئی مستقل سائنس اور یہ کہ یہ معارف ظنی (Controversial) ہیں نہ کہ حتمی علوم۔ اور کیونکہ یہ غلط مبادی پر مبنی ہیں لہٰذا زندگی کے معاملات میں اِن سے رجوع کرنا صحیح نہیں ہے بلکہ زندگی کے معاملات کو حل کرنے کے لئے مرجع تو اسلام ہے۔
۵۔۔۔ عالمِ اسلام میں معاشرہ ایک غیر اسلامی زندگی سے دو چار ہے اور ایک ایسی طرز پر زندگی بسر کر رہا ہے جو اسلام سے متناقض ہے۔ اس لئے کہ حکومتی ڈھانچہ اور حکومتی نظام جس پر معاشرے کا انحصار ہے، وہ اصول جن پر معاشرہ مجموعی طور پر کھڑا ہے، مسلمانوں کے جذبات جس نہج پر رواں ہیں، ذہنوں کا سانچہ جس پر مسلمانوں کی فکر گامزن ہے، یہ تمام کی تمام زندگی کے بارے میں اُن افکار و نظریات پر مبنی ہیں جو اسلامی تصورات و افکار سے جدا ہیں۔ جب تک یہ بنیادی اور اساس نہیں بدلے جاتے اور اِن افکار و نظریات کی تصحیح نہیں کر دی جاتی، نہ معاشرے کی زندگی تبدیل کی جا سکتی ہے نہ حکومتی ڈھانچہ بدلا جا سکتا ہے اور نہ ہی معاشرے کی بنیاد اور وہ فکری اور احساس کی نہج جو مسلمانوں کی سوچ پر حاکم ہے۔
۶۔۔۔ حکومتِ اسلامی اور مسلمانوں کی سوچ بہت زیادہ فرق خاص طور پر حکومتی اور مالیاتی نظاموں میں فرق ہونے کے سبب مسلمانوں کا اسلامی حکومت کے بارے میں تصور نہایت کمزور ہو گیا ہے اور غیر مسلمانوں کا اسلامی زندگی کے بارے میں تصور نہایت منفی ہے۔ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ مسلمان ایک خاص مدّت تک ایسے دور میں رہے جس میں اُن پر حکام کی جانب سے اسلام کی غلط تطبیق ہوتی رہی۔ اس کے علاوہ خلافت کے ختم ہو جانے کے بعد سے اب تک مسلمان اپنے ہی دشمنوں کے محکوم ہو کر ایسے نظام کے تحت زندگی گزار رہے ہیں جو عام طور پر ہر اعتبار سے اور خاص طور پر مالیاتی اور حکومتی لحاظ سے اسلام کے مخالف ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ مسلمان اُس کریہہ حقیقت سے اوپر اُٹھیں اور اُز زندگی کا صحیح تصور پیدا کریں جو اُنہیں جینا چاہئے اور جس کی طرف اُنہیں بہرحال آ جانا ہے۔ اور یہ ادراک کریں کہ اسلامی زندگی کی جانب اُن کا لوٹ کر آنا مکمل ہونا چاہئے نہ کہ جزوی طور پر اور ساتھ ہی یہ بھی معلوم ہو کہ اسلامی احکام کا نفاذ بیک وقت اور مکمل ہونا چاہئے نہ کہ سلسلہ وار یا بتدریج تبدیلی۔ اسی طرح اُن کو اُس زندگی کا ادراک ہو گا جب کہ اسلام کو عزت حاصل تھی۔
۷۔۔۔ عالمِ اسلامی میں جمہوری حکومتوں کی موجودگی جو مکمل سرمایہ دارانہ نظام عوام پر نافذ کر رہی ہیں۔ اِن حکومتوں کے مغربی ممالک سے گہرے رشتے ہیں اور یہ حکومتیں مسلم علاقوں کو تقسیم کر کے مقامی لحاظ سے بنائی گئی ہیں اور یہ چیز اسلامی طرزِ حیات کی راہ میں رکاوٹ بنی ہے کیونکہ اسلام مکمل طور سے نفاذ چاہتا ہے اور اس میں اس بات کی اجازت نہیں کہ متعدد مسلم ممالک ہوں بلکہ یہ لازمی ہے کہ تمام مسلم علاقے ایک ہی اقتدار کے تحت ایک ہی ریاست ہوں۔ اسلام کا تقاضا ہے کہ اس کی دعوت، اس کے لئے عمل اور اس کا نفاذ جامع ہو اور اِن حکومتوں کی جانب سے ایسی دعوت کی شدید مزاحمت کی جائے گی حو کہ اِن کے حکام مسلمان ہی ہوں۔ چنانچہ یہ ناگزیر ہے کہ دعوت مسلم علاقے کی ہر ولایت میں دی جائے خواہ اس راہ میں اِن حکومتوں کی جانب سے مزاحمت اور رکاوٹ ہی ہو اور اس راہ میں کتنی ہی مشقتیں جھیلنا پڑے۔
۸۔۔۔ عوام میں قومیت، وطنیت اور اشتراکیت کے لئے شدید جذبات کی موجودگی اور ایسی تحریکوں اور جماعتوں کا وجود جو قومیت، وطنیت اور اشتراکیت کے لئے کام کر رہی ہیں۔ واقعہ یہ ہے کہ مغرب کے اسلامی ممالک پر قبضہ ہو جانے کے بعد جب اُنہوں نے اِن ممالک میں سرمایہ دارانہ نظام نافذ کیا تو عوام میں اپنے دفاع کے لئے تحرک پیدا ہو گیا جس سے وطن پرستی ہو املی اور قبائلی و نسلی جذبے ابھرنے لگے جن سے وطن، نسل یا برادری کا تحفظ مقصود تھا اور لوگ اِن بنیادوں پر حکومت کے لئے مقابلہ آرائی میں مشغول ہو گئے۔ بعض لوگوں نے وطن پرستی کے لئے اور دشمن کو اپنے ملک سے بھگانے کے لئے تحریکیں شروع کیں تاکہ اقتدار اہلِ وطن ہی میں محدود رہے۔ اس دوران سرمایہ داری کا جو نظام نافذ ہو رہا تھا اُس کی کمیاں اور نواقص و فساد لوگوں پر واضح ہوئے اور جواباً ایک نعم البدل کے طور پر اشتراکیت کی تحریکیں شروع ہونے لگیں جن میں نہ تو کوئی جامعیت تھی اور نہ ہی اُن کے پاس زندگی اور اس کے معاملات و مسائل کے لئے کوئی مستقل حل تھا، یہ تو محض ایک فی البدیہہ اور ادھورا حل تھا جو سرمایہ داری کے نظام کی خامیوں پر پیوند کے مانند تھا لیکن اس سے مسلمان اسلام بحیثیت ایک عالمگیر مبداء سے دور ہو گئے۔

ریاست اسلامی کیسے قائم ہو گی

اسلامی افکار کی طاقت جو فی نفسہٖ اسلام میں ہے اور اس کا طریقۂ کار یہ دونوں اسلامی ریاست کے قائم کرنے کے لئے کافی ہیں بشرطیکہ اسلامی افکار دلوں میں گہرائی سے اُتر جائیں، نفوس میں سما جائیں اور مسلمان اس کے پیکرِ مجسم بن جائیں تو اسلام انسانوں میں زندہ ہو جائے گا۔ لیکن اِن سب کے باوجود کچھ غیر معمولی افعال اور عظیم الشان کاوشیں لازمی ہوں گی جن سے اسلامی ریاست وجود میں آئے اور اسلامی طرزِ زندگی کا احیاء ہو سکے، اس کے لئے محض خواب، خوش خیالی، امید پرستی اور رجائیت کافی نہیں۔ اس ام الواجبات کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو برائے کار لا کر اُن اڑچنوں اور رکاوٹوں کی شناخت کی جائے جو اِس راہ میں حائل ہیں تاکہ اُن پر غلبہ پایا جا سکے۔ یہاں اُن مسلمانوں کو جو اِس عظیم الشان کام کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں، اُنہیں آگاہ کر دینا بھی ضروری ہے کہ اُن کے سامنے کس قدر عظیم الہیکل ذمہ داری ہے اور دانشوروں کو جو اس کام کے لئے تیار ہوں اُنہیں خبردار کر دینا بھی ضروری ہے کہ اس کام کے لئے اُن کی آواز کے کیا ممکنہ نتائج ہو سکتے ہیں اور کیا کیا مشقتیں اُنہیں جھیلنا پڑسکتی ہیں تاکہ مکمل شعور، شوق، ارادے اور ہمت کے ساتھ اُن کے اقوال و افعال ہم آہنگ ہو جائیں۔ جو اِسلامی زندگی کے احیاء کی اس کٹھن راہ پر چلیں اُنہیں پورا شعور ہو کہ وہ ایک سخت چٹان میں اپنی راہ بنا رہے ہیں اور خوش خبری بھی ہو یہ کہ مضبوط ارادے اور مکمل اخلاص سے یہ ممکن بھی ہے۔ اُنہیں یہ بھی معلوم ہو کہ وہ ایک نہایت نازک اور دقیق ذمہ داری نباہ رہے ہیں جس میں اُن کی شخصیت کی لطافت کو تمام تر بروئے کار لانا ہو گا، نیز اُن کی راہ خاردار ہے لیکن وہ اسے عبور کر سکتے ہیں۔ وہ جس راہ پر چلنے کی ٹھان چکے ہیں اُنہیں اُس سے بھٹکنا نہیں ہے کیونکہ یہ وہ راہ ہے جس پر اللہ کے رسول حضرت محمد مصطفے ٰ صلی اللہ علیہ وسلم چلے، اور اگر اس راہ پر کما حقہ چلا جائے تو نتائج یقینی ہیں اور کامیابی میں ذرا بھی شک نہیں بشرطیکہ اس راہ پر حضور اکرمؐ کی مثال کو سامنے رکھا جائے اور اس سے گریز نہ کیا جائے تاکہ راہ کی ٹھوکر سے بچا جا سکے کیونکہ اس راہ میں ہر ٹھوکر اور استنباط کی ہر غلطی اس کام کو بے اثر بنا دے گی۔ لہٰذا محض خلافت کے لئے کانفرنسیں منعقد کر لینا یا مسلم ممالک کو متحد کر نے کی کوشش کر لینا اسلامی ریاست کے قائم کرنے کا طریقہ نہیں ہے اور نہ ہی اسلامی کانفرنسیں منعقد کر لینے سے اسلامی طرزِ زندگی بحال ہو سکتی ہے۔ یہ چیزیں اور اِن جیسی تمام کوششیں بے سود ہیں کیونکہ یہ محض مسلمانوں کے جذبات کو وقتی طور پر مطمئن کرتی ہیں اور اُنہیں دلاسہ دیتی ہیں کہ اُنہوں کچھ کر لیا جبکہ ابھی اصل کام تو دور کی بات ہے، پھر مزید یہ کہ محض یہ تمام طریقے اسلام سے متناقض ہیں۔ اسلامی ریاست کے قائم کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ اسلام کے پیغام کو لیکر اسلامی طرزِ زندگی کی بحالی کے لئے کام کیا جائے اور اس میں نہایت ضروری ہے کہ تمام مسلم ممالک کو شامل کیا جائے کیونکہ تمام مسلمان ایک ہی امت ہیں، یہ انسانوں کی وہ جماعت ہیں جن کا ایک ہی عقیدہ ہے جس سے ایک نظامِ حیات نکلتا ہے۔ کسی بھی مسلم ملک کی کیا جانے والا کوئی بھی عمل جو مسلمانوں کے افکار وجذبات کو متاثر کرے، ناگزیر ہے کہ اُس کے اثرات دوسرے مسلم ممالک میں بھی عیاں ہوں، لہٰذا یہ نہایت اہم ہے کہ تمام مسلم ممالک کو اس دعوت میں شامل کیا جائے تاکہ اس کے اثرات ہر جگہ ہوں۔ اس امت کی مثال ایک برتن میں پانی کی سی ہے، جب برتن کو نیچے سے حرارت فراہم کی جائے تو پانی گرم ہو گا اور اُس میں اُبال آئے گا اور پانی بخار میں تبدیل ہو کر حرکت میں آئے گا۔ اسی طرح مثال اسلامی معاشرے کی ہے کو اسلام پیش کیا جائے جس سے اُس میں حرارت آئے اور پھر حرکت ہو اور وہ اِس حرکت سے اُٹھ کھڑا ہو۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ یہ دعوت پورے عالمِ اسلامی کے لئے ہو، تاکہ امت اسلامی طرزِ زندگی کی طرف راغب ہو۔ اس کام کے لئے دعوت دینے کے تمام ذرائع اور وسائل اختیار کئے جائیں جیسے کتابیں، رسالے اور رابطے، خاص طور پر رابطے اہم ہیں کیونکہ رابطوں میں تاثیر ہوتی ہے۔ البتہ اس دعوت کی حیثیت معاشرے میں ایندھن کی طرح ہو جس سے موجودہ جمود جو امت میں عام ہے وہ حرارت و حرکت میں تبدیل ہو جائے۔ یہ اُس وقت ہی حاصل کیا جا سکتا ہے جب یہ عملی دعوت ایک سیاسی پہلو سے ایک ملک میں محصور ہو جو اس عظیم کام کا نقطۂ آغاز بنے اور یہ دعوت تمام عالمِ اسلامی میں پھیل جائے۔ یہ ملک یا ایسے ممالک مل کر اس دعوت کا نقطۂ انطلاق بنیں اور اسلام کی دعوت پھر سارے عالم تک پہنچائی جا سکے۔ یہی وہ منہج ہے جو حضور اکرمؐ نے اختیار فرمائی تھی۔ آپؐ نے دعوت تمام لوگوں کو دی اور یہ دعوت عملی نہج پر تھی۔ یہ دعوت اہلِ مکہ کو دی گئی اور حج کے موسم میں سارے عرب کو اس کی طرف بلایا گیا اور یہ دعوت سارے جزیرہ نمائے عرب میں پھیل گئی۔ اس کی مثال ایسی ہے جیسے آپؐ اس معاشرے کو ایندھن فراہم کر رہے تھے جس سے سارے عرب میں حرارت پھیل رہی تھی۔ لوگ اسلام کی طرف بلائے جاتے، آپؐ حج کے موسم میں عربوں سے رابطہ کرتے اور اُنہیں دعوت پیش کرتے، اُن کے گھروں اور قبیلوں کو جاتے اور اسلام کی طرف بلاتے تھے۔ پھر آپؐ اور کفارِ قریش کے درمیان مخاصمت کی گونج سارے عرب میں پھیل رہی تھی اور اس گونج کے ساتھ اسلام کی دعوت بھی عام ہو رہی تھی اور عربوں میں اس دعوت کے لئے تجسس پیدا ہو رہا تھا۔ گو کہ دعوت عام تھی لیکن بہرحال یہ مکہ تک محصور تھی۔ پھر یہ دعوت مدینہ پہنچی جہاں حجاز میں ایک اسلامی ریاست کی بناء پڑی، تب ہی یہ ایندھن رنگ لایا اور اس کی حرارت سے حضورؐ کو فتح ہوئی اور لوگ اس دعوت پر ایمان لائے یہاں یک کہ یہ پھیل کر سارے جزیرہ نمائے عرب پر محیط ہوئی اور پھر اس کا پیغام سارے عالم کو پہنچایا گیا۔ اس لئے ہم پر یہ لازم ہے کہ ہم دعوتِ اسلام کا کام سنبھالیں اور اسلامی طرزِ زندگی کی بحالی کے لئے محنت کریں اور اس کو اسلامی ریاست کے قائم کرنے کی نہج کا طریقہ بنائیں۔ ہم پر یہ بھی لازم ہے کہ ہم تمام مسلم ممالک کو ایک ہی وحدت سمجھیں اور اِنہیں اپنی دعوت کا ہدف بنائیں۔ لیکن بہرحال اس کام کو ایک یا کچھ ولایتوں میں محصور کر کے وہاں کے مسلمانوں کواسلامی افکار کی تربیت کی جائے تاکہ اُن میں یہ اُن میں زندہ ہو جائیں اور وہ اِس دعوت سے اور اس دعوت کی خاطر اُٹھ کھڑے ہوں اور وہاں ہم عام شعور پیدا کریں اور رائے عامہ اس طرف راغب کریں۔ اس سے دعوت کے مبلغین اور معاشرے کے درمیان ربط ہو گا جو فعال اور مثیر ہو، اس باہمی تفاعل(Interaction) کے ذریعے ایک جد و جہد ہو گی جس کا مقصد اسلامی ریاست کا قیام ہے جو امت کے اُس حصے سے نکلے گا جہاں یہ دعوت مرتکز ہو گی۔ اب یہ دعوت محض ایک دماغی فکر نہیں بلکہ سراپا معاشرہ بن جائے گی اور محض ایک تحریک نہیں بلکہ ایک ریاست بن جائے گی۔ اب یہ دعوت اپنے تمہیدی مراحل سے گزر چکنے کے بعد نقطۂ آغاز پر نہیں بلکہ نقطۂ انطلاق کو پہنچ جائے گی اور ایک ایسی ریاست کی شکل میں تبدیل ہو جائے گی جس میں ریاست کے تمام عناصر بھی موجود ہوں اور دعوت پیش کرنے کی قوت و صلاحیت بھی ہو۔ یہاں سے یہ ریاست ایسے دور میں داخل ہو جائے گی جہاں شریعت نے اس ریاست پر اور اُن تمام مسلمانوں پر جو اُن علاقوں میں رہتے ہوں جو اس ریاست کے دائرۂ اقتدار سے باہر ہیں، کچھ واجبات مقرر کی ہیں۔ اس ریاست پر واجب یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے نازل کردہ اسلام کو مکمل طور پر نافذ کرے، پھر وہ باقی اسلامی ممالک کو اپنے میں شامل کرنے یا خود کو بقیہ اسلامی ممالک میں متحد کرنے کو اپنی داخلی پالیسی کا حصہ بنائے، جس کے لئے اس ریاست کو اسلامی زندگی کی بحالی کی دعوت کے لئے پہل کرنا ہو گا، خاص طور اُن ممالک میں جو اس ریاست کے پڑوسی ہوں۔ پھر وہ اُن مفروضہ اور وہمی سرحدوں کو ختم کرے جو کافر استعمار نے اِن ممالک کے بیچ ڈال رکھی ہیں اور جن کے حاکموں کو اِن مصنوعیسرحدوں کا محافظ بنا رکھا ہے۔ ریاست پر لازم ہو گا کہ وہ اِن سرحدوں کو ختم کرے چاہے اِس کے آس پاس کے ممالک ختم نہ بھی کریں۔ وہ اِن سرحدوں سے گزرنے کے لئے ویزے اور کسٹم کے ناکے بند کر دے اور لوگوں کی آمد ورفت کھول دے۔ اس سے اُن مسلم ممالک کے عوام کو یہ تاثر جائے گا کہ یہ حقیقتاً ایک اسلامی ریاست ہے اور وہ اس ریاست میں اسلام کی تطبیق اور نفاذ کے شاہد ہوں گے۔ اُن مسلمانوں پر جو اس ریاست کی سرحدوں سے باہر ہوں اُن پر یہ واجب ہے کہ وہ اپنے ممالک میں جو دار الکفر ہے اور جہاں اسلام نافذ نہیں ہو رہے ہیں، مسلمان اُس ملک کی اُس حالت کو بدلنے کے لئے کام کریں تاکہ وہ دار الاسلام بن جائے، یہ کام اُس ملک کو دارالاسلام سے متحد کرنے کے لئے دعوت و تبلیغ کے ذریعے ہو گا۔ اس عمل سے یہ یقینی بن جائے گا کہ پورا کا پورا اسلامی معاشرہ اُس نقطۂ حرارت کو پہنچ جائے جس سے تمام مسلمانوں کا اسلامی ریاست میں متحد ہو جانا طے ہو جائے گا۔ اس طرح ایک جامع اسلامی ریاست وجود پائے گی جو ایک عالمگیر فکری قیادت ہو گی اور اس میں وہ استطاعت ہو گی جو سارے عالم میں اسلام کی دعوت پہنچائے گی اور دنیا کو اُن فسادی حالات اور شرّ سے نجات دلا پائے گی۔
اگر امتِ مسلمہ پہلے صرف ایک ملک میں آباد تھی جس کی حدیں جزیرہ نمائے عرب میں محصور تھیں اور مسلمانوں کی تعداد چند لاکھ سے زیادہ نہ تھی، اس کے باوجود جب اُس نے اسلام کو اختیار کیا اور اس کی دعوت کو لے کر اُٹھی تو وہ اُس وقت کی دو عظیم طاقتوں کے درمیان ایک عالمی طاقت کی شکل میں اُبھری اور دونوں کا ایک ساتھ خاتمہ کیا اور اُن کے ملکوں پر قبضہ کر کے وہاں کے بیشتر علاقوں میں اسلام کو پھیلایا، تو پھر آج کی امتِ مسلمہ کے بارے کیا توقعات ہوں جو دنیا کی آبادی کا چوتھائی حصہ ہے ؟اور جن کے ممالک ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں کہ اِن کے لئے متحد ہو کر ایک ریاست میں شامل ہو جانا کوئی محال نہیں۔ یہ ممالک مغرب میں مراکش سے ہندوستان اور پھر انڈونیشیا تک پھیلے ہوئے ہیں۔ امتِ مسلمہ کے پاس دنیا وسائل کے اعتبار سے دنیا کا بہترین حصہ ہے جو فوجی تدابیر کے لحاظ سے بھی بہترین ہے اور جن کے پاس دنیا کا واحد صحیح مبداء و عقیدہ ہے۔ یقیناً یہ امت دنیا کی بڑی طاقتوں کے سامنے ایک عظیم قوت ہو گی جس میں کوئی شک کی گنجائش نہیں ہے۔ لہٰذا اب سے ہی یہ ہر مسلمان پر فرض ہے کہ وہ ایک جامع اسلامی ریاست کے قیام کی خاطر اُٹھ کھڑا ہو جو ساری دنیا کو اسلام کی دعوت پیش کرے گی۔ مسلمان کو اسلام کی دعوت لے کر اس مقصد سے اُٹھ کھڑے ہونا چاہئے کہ وہ دنیا کے ہر مسلم ملک میں اسلامی طرزِ زندگی کو بحال کرے اور اپنے کام کو عملی طور سے ایک ملک یا کچھ ممالک میں مرتکز رکھے تاکہ وہ اُس نقطۂ انطلاق تک پہنچ جائے۔ اس قدر عظیم مقصد کو حاصل کرنے کے لئے یہ نہایت عملی اور واضح طریقۂ کار ہے جسے ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ اس کا اتباع کرے اور اس کے راستہ میں پیش آنے والی ہر مشقت اور دشواری کو جھیلنے کے لئے تیار ہو جائے اور اپنی اس کوشش میں وہ کوئی کسر نہ اُٹھا رکھے۔ اس کارِ عظیم میں وہ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت پر متوکل رہے اور اس کارِ خیر کے عوض وہ کسی انعام کا طالب نہ وہ بجز اللہ کی رضا کے۔

٭٭٭
کتاب ’ریاستِ اسلامی‘ کادوسرا حصہ دوسری کتاب ’ریاست اسلامی کا مجوزہ دستور‘ نامی کتاب میں ہے۔
تشکر: اردو ہوم ڈاٹ کام

ان پیج سے تبدیلی ، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

ریاست اسلامی