ریاست اسلامی کا مجوزہ دستور
مسودۂ دستور
نامعلوم
عمومی احکامات
دفعہ نمبر ۱۔ اسلامی عقیدہ ہی ریاست کی بنیاد ہے ، وہ اس طرح کہ ریاست کی ساخت، اس کے ڈھانچے ، اس کے محاسبہ یا کوئی بھی چیز، جو ریاست سے متعلق ہو، وہ اسلامی عقیدے ہی کی بنیاد پر ہو گی۔ دستور اور قوانینِ شرعیہ کی بنیاد بھی یہی عقیدہ ہے۔ دستور اور قوانین سے متعلق صرف اس چیز کو قبول کیا جائے گا، جواسلامی عقیدے سے ہو۔
دفعہ نمبر ۲۔ دار الاسلام وہ ملک ہے جہاں اسلامی احکامات نافذ ہوں اور اس کی امان اسلام کی امان کی وجہ سے ہو۔ دار الکفر وہ ہے جہاں کفریہ نظام نافذ ہو یا اس کی امان اسلام کے بغیر ہو۔
دفعہ نمبر۳۔ خلیفہ متعین شرعی احکامات کی تبنی کرے گا جن کو دستور اور قوانین بنایا جائے گا۔ خلیفہ جب کسی حکمِ شرعی کی تبنی کرے تو صرف یہی حکم حکمِ شرعی ہو گا اور اس پر عمل کرنا فرض ہو گا۔ یہ اسی وقت نافذ العمل قانون ہو گا جس پر عمل درآمد رعایا میں سے ہر فرد پر ظاہراً و باطناً فرض ہو گا۔
دفعہ نمبر۴۔ خلیفہ عبادات میں سے سوائے زکوٰۃ و جہاد کے کسی متعین حکمِ شرعی کی تبنی نہیں کرے گا۔ نہ وہ عقیدۂ اسلامیہ سے متعلقہ افکار میں سے کسی فکر کی تبنی کرے گا۔
دفعہ نمبر۵۔ وہ تمام افراد، جو اسلامی ریاست کی شہریت کے حامل ہوں ، انہیں حقوق ملیں گے اور انہیں اپنے شرعی فرائض پورے کرنے ہوں گے۔
دفعہ نمبر۶۔ ریاست کے لیے بالکل جائز نہیں کہ وہ اپنے شہریوں کے مابین حکمرانی، قضاء (فیصلوں )اور معاملات کی نگرانی اور دوسرے مسائل میں کسی قسم کا امتیازی سلوک کرے۔ بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تمام افراد کو رنگ، نسل اور دین کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک ہی نظر سے دیکھے۔
دفعہ نمبر۷۔ ریاست ان تمام افراد پر، جو اسلامی ریاست کے شہری ہوں ، چاہے وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم، حسبِ ذیل طریقے سے اسلامی شریعت نافذ کرے گی :
الف۔ مسلمانوں پر بغیر کسی استثناء کے تمام اسلامی احکامات نافذ کرے گی۔
ب۔ غیر مسلم جیسا اعتقاد رکھیں اور جس طرح چاہیں ، عبادت کریں، ان سے بازپرس نہیں کی جائے گی۔
ج۔ مرتدوں پر مرتدین کے اسلامی احکامات لاگو کرے گی، بشرطیکہ وہ خود مرتد ہوئے ہوں۔ لیکن اگر وہ مرتدین کی اولاد ہوں اور پیدائشی غیر مسلم ہوں تو ان کے ساتھ غیر مسلمانوں کاسا معاملہ کیا جائے گا۔ یعنی صورت حال کو دیکھ کر، کہ وہ مشرک ہیں یا اہل کتاب۔
د۔ غیر مسلموں کے ساتھ کھانے پینے اور لباس کے معاملات میں احکامِ شرعیہ کی حدود میں رہتے ہوئے ان کے دین کے مطابق معاملہ کیا جائے گا۔
ھ۔ غیر مسلموں کے درمیان شادی و طلاق کے معاملات ان کے ادیان کے مطابق نمٹائے جائیں گے اور مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلموں کے یہ معاملات اسلامی احکامات کے مطابق سنوارے جائیں گے۔
و۔ باقی تمام احکامِ شرعیہ اور سب امورِ شرع، مثلاً معاملات، عقوبات، بینات(گوا ہوں )، نظامِ حکومت اور اقتصادیات وغیرہ کو تمام رعایا پر، خواہ وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم، ریاست برا بری کی بنیاد پر نافذ کرے گی۔ اسی طرح معاہدین (اہلِ معاہدہ )مستامنین (امن میں آنے والے )اور ہر اس شخص پر، جو اسلامی ریاست کے زیر سایہ رہتا ہے ، ریاست ان احکامات کو نافذ کرے گی۔ البتہ سفراء اور ایلچیوں کے ساتھ ان کے ممالک کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے مطابق معاملہ کیا جائے گا۔
دفعہ نمبر۸۔ عربی زبان ہی چونکہ اسلام کی زبان ہے ، اس لیے ریاست صرف عربی زبان استعمال کرے گی۔
دفعہ نمبر۹۔ اجتہاد فرضِ کفایہ ہے ، ہر مسلمان کو اجتہاد کا حق حاصل ہے ، بشرطیکہ اس میں اجتہاد کی شرائط پائی جاتی ہوں۔
دفعہ نمبر۱۰۔ اسلام کے بارے میں تمام مسلمان جوابدہ ہیں ، اس لیے اسلام میں رجالِ دین نہیں ہوتے۔ چنانچہ ریاست کا فرض ہے کہ جب وہ مسلمانوں کے اندر اس قسم کے رجحانات محسوس کرے تو انہیں روک دے۔
دفعہ نمبر۱۱۔ ریاست کا اصل کام اسلامی دعوت کا علمبردار بننا ہے۔
دفعہ نمبر۱۲۔ کتاب اللہ، سنت رسول اللہؐ ، اجماعِ صحابہ ؓ اور قیاس ہی احکامِ شرعیہ کے لیے معتبر ادلۃ ہیں۔
دفعہ نمبر۱۳۔ اصل بری الذمہ ہونا ہے ، عدالتی حکم کے بغیر کسی (شخص )کو سزانہیں دی جائے گی۔ کسی کو عذاب دینا بالکل جائز نہیں اور جو اس کا مرتکب ہو گا، اسے سزادی جائے گی۔
دفعہ نمبر۱۴۔ بنیادی چیز احکامِ شرعیہ پر عمل کرنا ہے ، لہٰذا شرعی حکم معلوم کیے بغیر کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح اشیاء میں اصل اباحت (جواز)ہے ، یہاں تک کہ حرام ہونے کی کوئی دلیل موجود نہ ہو۔
دفعہ نمبر۱۵۔ حرام کا وسیلہ (ذریعہ )بھی حرام ہو گا جب غالب گمان ہو کہ وہ حرام تک پہنچائے گا۔ اگر حرام تک پہنچانے کا صرف ڈر ہو تو وہ حرام نہیں ہو گا۔
حکومت کا نظام
دفعہ نمبر۱۶۔ حکومت کا نظام وحدت کا ہو گا، نہ کہ اتحاد کا۔
دفعہ نمبر۱۷۔ حکومت مرکزی ہو گی اور ادارہ لامرکزیت کی بنیاد پر۔
دفعہ نمبر۱۸۔ حکام چار ہیں :خلیفہ، معاون التفویض، والی اور عامل۔ ان کے علاوہ باقی سب ملازم ہیں ، حکام نہیں۔
دفعہ نمبر۱۹۔ حکومت یا حکومت سے متعلقہ امور (جن کو حکومت میں شمار کیا جاتا ہو) چلانے والا صرف آزاد، عادل، مر د اور مسلمان ہی ہو سکتا ہے۔
دفعہ نمبر۲۰۔ حکام کا محاسبہ مسلمانوں کا حق بھی ہے اور یہ ان پر فرض کفایہ بھی ہے۔ رعایا کے غیر مسلم افراد کو حکمران کے ظلم یا اسلامی احکامات کو غلط انداز سے نافذ کرنے کی شکایت کے اظہار کا حق حاصل ہے۔
دفعہ نمبر۲۱۔ حکام کے محاسبہ یا امت کے ذریعے حکومت تک پہنچنے کے لیے مسلمانوں کو سیاسی پارٹیاں بنانے کی اجازت ہے ، بشرطیکہ یہ پارٹیاں اسلامی عقیدے کی بنیاد پر ہوں اور جن احکامات کی ان پارٹیوں نے تبنی کی ہو، وہ شرعی احکامات ہوں۔ پارٹی بنانے کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ غیر اسلامی بنیاد پر ہر قسم کی پارٹی بازی ممنوع ہو گی۔
دفعہ نمبر۲۲۔ حکومت کی چار بنیادیں ہوں گی :
الف۔ اقتدارِ اعلیٰ شریعت کو حاصل ہو گا، نہ کہ عوام کو۔
ب۔ قوت (اختیار)امت کو حاصل ہو گی۔
ج۔ ریاست کے لیے ایک ہی سربراہ (خلیفہ)مقرر کرنا مسلمانوں پر فرض ہے۔
د۔ صرف ریاست کا سربراہ (خلیفہ)ہی احکامِ شرعیہ کی تبنی کرے گا اور وہی دستور اور تمام قوانین مرتب کرے گا۔
دفعہ نمبر۲۳۔ حکومتی ڈھانچہ آٹھ ارکان پر مشتمل ہو گا:
۱۔ خلیفہ
۲۔ معاون التفویض
۳۔ معاون التنفیذ
۴۔ امیر الجہاد
۵۔ قضاء
۶۔ ولاۃ(گورنرز)
۷۔ انتظامی ادارے
۸۔ مجلسِ امت (شوریٰ)
خلیفہ
دفعہ نمبر۲۴۔ خلیفہ ہی اختیار اور نفاذ شریعت میں امت کا نمائندہ ہوتا ہے۔
دفعہ نمبر۲۵۔ خلافت باہمی رضامندی کا اور ایک اختیاری عقد ہے۔ لہٰذا کسی کو خلافت قبول کرنے یا خلیفہ کے انتخاب پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔
دفعہ نمبر۲۶۔ ہر عاقل و بالغ مسلمان کو، چاہے وہ مرد ہو یا عورت، خلیفہ منتخب کرنے اور اس کی بیعت کرنے کا حق حاصل ہے ، لیکن غیر مسلموں کو انتخابِ خلیفہ یا بیعتِ خلیفہ کا کوئی حق نہیں۔
دفعہ نمبر۲۷۔ جن لوگوں کی بیعت سے خلافت کا انعقاد ہوتا ہے اگر وہ (لوگ)کسی ایک شخص کی بطورِ خلیفہ بیعت کریں تو باقی لوگوں کی طرف سے بیعت بیعتِ اطاعت ہو گی، نہ کہ بیعتِ انعقاد۔ چنانچہ جس شخص کے اندر سرکشی کے امکانات نظر آئیں تو اسے بیعت پر مجبور کیا جائے گا۔
دفعہ نمبر۲۸۔ صرف وہی شخص ریاست کا سربراہ ہو سکتا ہے جسے مسلمان منتخب کریں۔ کسی بھی شخص کو خلیفہ کے اختیارات اس وقت حاصل ہوں گے جب اس کی بیعت کا عقد شرعی طور پر دوسرے عقودِ شرعیہ کی طرح مکمل ہو جائے۔
دفعہ نمبر۲۹۔ اس ملک یا خطے کے لیے، جو خلیفہ کے ہاتھ پر بیعتِ انعقاد کرے، یہ شرط ہے کہ اس کا اقتدار اپنا ذاتی ہو، جو صرف مسلمانوں پر انحصار کرتا ہو، کسی کا فر ریاست کا اس میں کوئی عمل دخل نہ ہو اور اس خطے میں داخلی و خارجی طور پر امان اور مسلمانوں کا امن و امان اسلام کی وجہ سے ہو، نہ کہ کفر کی وجہ سے۔ جو علاقے (خلیفہ کی )صرف بیعت اطاعت کریں گے ان کے لیے یہ شرط لازمی نہیں۔
دفعہ نمبر۳۰۔ خلیفہ کے طور پر جس شخص کی بیعت کی جا رہی ہو، اس میں انعقادِ خلافت کی تمام شرائط ہونا لازمی ہیں۔ اگرچہ اس کے اندر شروطِ افضلیت نہ بھی ہوں، کیونکہ بنیادی چیز شروطِ انعقاد ہیں۔
دفعہ نمبر۳۱۔ خلیفہ کے لیے چھ شرائط ہیں اور وہ یہ ہیں :مرد ہونا، مسلمان ہونا، آزاد ہونا، بالغ ہونا، عاقل ہونا اور عادل ہونا۔
دفعہ نمبر۳۲۔ خلیفہ کی موت، اس کے معزول ہونے یا معزول کیے جانے کی وجہ سے منصبِ خلافت خالی ہو جائے توجس تاریخ کو یہ منصب خالی ہو اس کے تین دن کے اندر اندر دوسرا خلیفہ مقرر کرنا فرض ہے۔
دفعہ نمبر۳۳۔ خلیفہ کے تقرر کا طریقہ کار:
الف۔ مجلسِ امت( شوریٰ) کے مسلمان اراکین منصبِ خلافت کے لیے چند امیدواروں کا انتخاب کریں گے اور ان کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ پھر مسلمانوں سے مطالبہ کریں گے کہ وہ ان میں سے کسی ایک کو اپنا خلیفہ منتخب کریں۔
ب۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور مسلمانوں کو باخبر کیا جائے گا کہ کس نے زیادہ ووٹ لیے۔
ج۔ جو شخص زیادہ ووٹ لے۔ مسلمان فوراً اس کے ہاتھ پر کتاب اللہ اور سنت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر عمل کرنے کی شرط پر بیعت کریں گے۔
د۔ بیعت کے اختتام پر عوام کے سامنے خلیفہ کا اعلان کیا جائے گا۔ تاکہ پوری امت کو معلوم ہو کہ کون خلیفہ بنا۔ اس کے نام کا اعلان کیا جائے گا اور ان وجوہات کو بھی بیان کیا جائے گا جن کی وجہ سے اسے خلیفہ منتخب کیا گیا۔
دفعہ نمبر۳۴۔ امت ہی کو خلیفہ کے تقرر کا اختیار حاصل ہے۔ لیکن جب شرعی طریقے سے خلیفہ کا انتخاب ہو جائے تو امت اسے معزول نہیں کر سکتی۔
دفعہ نمبر۳۵۔ خلیفہ ہی ریاست ہوتا ہے۔ وہ ان تمام اختیارات کا مالک ہوتا ہے جن کی ایک ریاست مالک ہوتی ہے۔ چنانچہ اس کے پاس درج ذیل اختیارات ہوتے ہیں :
الف۔ خلیفہ ہی تبنی کیے ہوئے احکامات کو نافذ کرتا ہے۔ اس وقت یہ تبنی شدہ احکامات قوانین ہوتے ہیں۔ ان قوانین پر عمل فرض ہوتا ہے۔ ان کی مخالفت جائز نہیں۔
ب۔ خلیفہ ہی ریاست کی خارجی و داخلی پالیسی کے بارے میں جوابدہ ہوتا ہے۔ وہی فوج کا سربراہ ہوتا ہے۔ وہی اعلانِ جنگ، صلح یا جنگ بندی کا اعلان کر سکتا ہے اور تمام معاہدات کا اختیار اسی کو حاصل ہوتا ہے۔
ج۔ خلیفہ ہی بیرونی سفیروں کو قبول یا مسترد کر سکتا ہے۔ اسی طرح مسلمان سفراء کو مقرر یا معزول کر سکتا ہے۔
د۔ خلیفہ ہی معاونین اور والیوں کا تقرر یا انہیں سبکدوش کر سکتا ہے ، جس طرح یہ مجلسِ امت( شوریٰ) کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں، اسی طرح خلیفہ کے سامنے بھی جوابدہ ہوتے ہیں۔
ھ۔ خلیفہ ہی قاضی القضاۃ، دفاتر کے ناظموں ، فوج کے سربرا ہوں اور صوبوں کے والیوں کو مقرر یا معزول کر سکتا ہے۔ یہ سب خلیفہ کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں۔ مجلسِ امت (شوریٰ) کے سامنے جوابدہ نہیں۔
و۔ خلیفہ ہی ریاست کے بجٹ سے متعلق احکامِ شرعیہ کی تبنی کر سکتا ہے اور وہی بجٹ کی مدت اور آمدن و خرچ سے متعلقہ رقموں کا تعین بھی کرتا ہے۔
دفعہ نمبر۳۶۔ خلیفہ احکامِ شرعیہ کی تبنی کا پابند ہے ، چنانچہ کسی ایسے حکم کی تبنی کرنا اس کے لیے حرام ہے جس کا اس نے ’’ادلۃ شرعیہ‘‘ سے صحیح طور پر استنباط نہ کیا ہو، وہ اپنے تبنی کیے ہوئے احکامات اور طریقہ استنباط کا پابند ہے۔ چنانچہ اس کے لیے جائز نہیں کہ وہ کسی ایسے حکم کی تبنی کرے جس کا طریقۂ استنباط طریقۂ تبنی سے متناقض ہو، اور نہ وہ کوئی ایسا حکم دے جو اس کے تبنی کیے ہوئے احکامات سے متناقض ہو۔
دفعہ نمبر۳۷۔ خلیفہ کو اپنی صوابدید اور اپنے اجتہاد کے مطابق اپنی رعایا کے مسائل حل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ ہاں !ا س کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ مصلحت کو دلیل بنا کر کسی حکمِ شرعی کی مخالفت کرے۔ مثلاً وہ ملکی صنعت کو تحفظ دینے کے لیے باہر سے سازوسامان درآمد کرنے سے رعایا کو منع کرے۔ اس طرح اس کے لیے یہ بھی جائز نہیں کہ وہ استحصال کو روکنے کے لیے (اس کو دلیل بنا کر)لوگوں کے لیے اشیائے صرف کی قیمتیں مقرر کرے ، یا رہائش کی سہولت مہیا کرنے کو دلیل بنا کر مالک کو اس کی مملوکہ عمارات کرایہ پر دینے پر مجبور کر دے۔ اس کے علاوہ کسی بھی حالت میں اسے احکامِ شرع کی مخالفت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ کسی مباح کو حرام یا کسی حرام کو مباح قرار دینا اس کے لیے جائز نہیں۔
دفعہ نمبر۳۸۔ خلیفہ کے لیے کوئی مدت مقرر نہیں ہے۔ جب تک خلیفہ شرع کی حفاظت، شرعی احکامات کی تنفیذ اور ریاست کے معاملات کو چلانے پر قادر ہے ، وہ خلیفہ ہے ، اگر اس کی حالت میں کوئی ایسی تبدیلی رونما ہو جائے جو اسے ان ذمہ داریوں سے عہد بر آء ہونے سے روکے تو فوراً اسے معزول کرنا فرض ہو جاتا ہے۔
دفعہ نمبر۳۹۔ وہ امور، جن کی وجہ سے خلیفہ کی حالت بد ل جاتی ہے اور وہ منصبِ خلافت کا اہل نہیں رہتا، وہ یہ تین امور ہیں :
الف۔ جب انعقادِ خلافت کی شرائط میں سے کوئی شرط مفقود ہو جائے۔ جیسے مرتد ہونا، ظاہری فسق و فجور میں مبتلا ہونا، مجنون ہونا، یا اسی قسم کی کوئی دوسری صورت پیش آئے۔ کیونکہ یہ تمام شرائط شروطِ انعقاد اور شروطِ استمرار(دائمی شرائط)ہیں۔
ب۔ کسی بھی سبب سے خلافت کے فرائض کی انجام دہی سے عاجز ہو جائے۔
ج۔ وہ اس قدر مغلوب ہو جائے کہ اپنی رائے سے شریعت کے موافق مسلمانوں کے مفادات کی حفاظت نہ کر سکے۔ پس جب اس پر کوئی اس حد تک غالب آئے کہ وہ بذاتِ خود اپنے اختیار و ارادے سے، احکامِ شرع کی روشنی میں، اپنی رائے کے مطابق، رعایا کے مفادات کی نگرانی کرنے سے عاجز ہو جائے تو اسے حکماً فرائضِ خلافت کی ادائے گی سے عاجز سمجھا جائے گا۔ ایسی صورت میں وہ اس منصب کا اہل نہیں رہتا۔ اس کی دو صورتیں ہو سکتی ہیں :
پہلی صورت:اس کے حاشیہ برداروں میں سے کوئی ایک فرد یا ایک سے زائد افراد اس پر اس طرح مسلط ہو جائیں کہ اس پر اپنی رائے ٹھونس دیں۔ اس صورت میں اگر ان لوگوں سے چھٹکارا پانے کی امید ہو تو اسے ایک معینہ مدت تک مہلت دی جائے گی۔ پھر اگر وہ ان سے جان چھڑانے میں کامیاب نہ ہو سکے تو معزول کیا جائے گا۔ اگر شروع ہی میں چھٹکارہ پانے کی امید نہ ہو تواسی وقت معزول کیا جائے گا۔
دوسری صورت:وہ کسی قاہر دشمن کے ہاتھوں گرفتار ہو جائے۔ پھر گرفتاری چاہے بالفعل ہو یا صرف دشمن کے تسلط میں آئے۔ اس صورت میں اگر بچ نکلنے کی امید ہو تو اسے مہلت دی جائے گی ورنہ اسے معزول کیا جائے گا۔ اگر شروع ہی سے خلاصی کی کوئی امید نہ ہو تو فوراً معزول کیا جائے گا۔
دفعہ نمبر۴۰۔ صرف محکمۃ المظالم ہی فیصلہ کر سکتا ہے کہ کیا خلیفہ کی حالت اس قدر بدل چکی ہے جس کی وجہ سے وہ خلافت کے منصب کا اہل نہیں۔ صرف اور صرف محکمۃ المظالم ہی کو خلیفہ کے ہٹانے یا تنبیہ کا اختیار حاصل ہے۔
معاونِ تفویض
دفعہ نمبر۴۱۔ خلیفہ اپنے لیے معاونِ تفویض مقرر کرے گا، جو حکم دینے کے ذمہ دار ہوں گے۔ پس ان کی رائے کے مطابق امور کی تدبیر کرنے اور ان کے اجتہاد کے مطابق معاملات نپٹانے کی ذمہ داری انہیں سونپ دے گا۔
دفعہ نمبر۴۲۔ معاونِ تفویض کے لیے بھی وہی شرائط ہوں گی جو خلیفہ کے لیے ہیں۔ یعنی آزاد، عاقل، بالغ، مسلمان اور مرد ہو۔ اس کے علاوہ اس کے لیے یہ شرط بھی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ بر آء ہونے کا اہل بھی ہو۔
دفعہ نمبر۴۳۔ معاون تفویض کو اختیارات سونپنے کی دو شرائط ہیں :
۱۔ اختیارات عام ہوں۔
۲۔ نیابت حاصل ہو۔ اس لیے خلیفہ کو لازماً یہ کہنا چاہیے کہ میں نے اپنے تمام اختیارات میں تمہیں اپنا نائب بنایا، یا کوئی دوسرے الفاظ استعمال کرے ، لیکن ان کا معنی عام نیابت کا ہو۔ پس اگر یہ نیابت اس قسم کی نہیں ہو گی تو وہ شخص معاون نہیں بن سکتا۔ اس طرح کہے بغیراسے نیابت کے اختیارات حاصل نہیں ہوں گے۔
دفعہ نمبر۴۴۔ معاونِ تفویض کا کام یہ ہے کہ وہ جن امور کی تدبیر کرے، ان سے خلیفہ کوبا خبر رکھے، اگرچہ وہ یہ امور ولی اور خلیفہ کے نائب کے طور پر سر انجام دے۔ تاکہ اختیارات کے استعمال میں خلیفہ اور اس کے درمیان فرق ہو۔ اس کا کام خلیفہ کو باخبر رکھنا اور خلیفہ جن چیزوں کی تنفیذ کا حکم دے، ان کو نافذ کرنا ہے۔
دفعہ نمبر۴۵۔ خلیفہ کا فرض ہے کہ وہ معاونِ تفویض کے اعمال اور تدابیر کا جائزہ لے ، تاکہ ان میں صحیح کو برقرار رکھے اور غلط کا تدارک کرے۔ کیونکہ امت کے معاملات کی نگرانی خلیفہ کی ذمہ داری اور اس کے اجتہاد پر موقوف ہے۔
دفعہ نمبر۴۶۔ جب معاونِ تفویض کسی معاملے کی تدبیر کرے اور خلیفہ اس کی منظوری دے دے ، تو معاون کو چاہیے کہ وہ اس کو کسی کمی بیشی کے بغیر اسی طرح نافذ کرے جس طرح کہ خلیفہ نے منظوری دی تھی۔ اگر خلیفہ پھر اس معاملے پر نظر ثانی کرے اور دیکھے کہ معاون نے اس امر کے خلاف کیا ہے، تو دیکھا جائے گا کہ اگر یہ حکم کسی ایسے معاملے سے متعلق ہو جس کو معاون نے خلیفہ کے نقطۂ نظر کے مطابق نافذ کیا ہو، یا یہ حکم کسی ایسے مال سے متعلق ہو جس کو معاون نے خلیفہ کے حق میں کر دیا ہوتواس صورت میں معاون کی رائے نافذ العمل سمجھی جائے گی۔ کیونکہ یہ دراصل خلیفہ کی رائے تھی اور جو احکامات نافذ کیے گئے ، یا جو اموال خرچ کیے گئے، خلیفہ اس کی تلافی نہیں کر سکتا۔ اگر جس معاملے کو معاون نے نپٹایا ہو، اس کا تعلق ان امور کے علاوہ کسی اور چیز کے ساتھ ہو، مثلاً کسی کو والی مقرر کرنا یا فوج تیار کرنا۔ تو اس صورت میں خلیفہ اس کی مخالفت کر سکتا ہے۔ اس صورت میں خلیفہ ہی کی رائے نافذ ہو گی اور معاون کا فیصلہ فضول سمجھا جائے گا۔ کیونکہ یہ اعمال اگر خود خلیفہ سے بھی صادر ہوئے ہوں تو تب بھی وہ ان کا تدارک کر سکتا ہے۔ لہٰذا اپنے معاون کے فیصلوں کی تلافی تو بطریقِ اولیٰ کر سکتا ہے۔
دفعہ نمبر۴۷۔ معاونِ تفویض کوکسی خاص محکمے یاکسی خاص کام کے ساتھ مخصوص نہیں کیا جائے گا۔ کیونکہ اس کی ذمہ داری عام ہے۔ اسی طرح وہ براہِ راست انتظامی امور کو سرانجام نہیں دے سکتابلکہ انتظامی ڈھانچے پر اس کی عام نگرانی ہوتی ہے۔
معاونِ تنفیذ
دفعہ نمبر۴۸۔ خلیفہ تنفیذ کے لیے ایک معاون مقرر کرے گا۔ اس کا کام انتظامی امور سے متعلق ہوتا ہے ، نہ کہ حکمرانی سے متعلق۔ اس کے دفتر کا کام خلیفہ کی جانب سے داخلی اور خارجی امورسے متعلق صادر ہونے والے احکامات کا نفاذ ہے۔ اسی طرح ان مذکورہ امور کو خلیفہ تک پہنچانا ہے۔ گویا یہ خلیفہ اور دوسروں کے درمیان واسطہ ہے۔ خلیفہ کی طرف پیغام لے جاتا ہے اور خلیفہ کی طرف سے پیغام لاتا ہے۔
دفعہ نمبر۴۹۔ معاونِ تنفیذ کامسلمان ہونا شرط ہے کیونکہ وہ خلیفہ کا نمائندہ ہے۔
دفعہ نمبر۵۰۔ معاونِ تنفیذ براہِ راست خلیفہ کے ساتھ ہوتا ہے ، جس طرح کہ معاونِ تفویض ہوتا ہے۔ یہ صرف تنفیذ میں معاون ہے، حکم میں نہیں۔
امیر جہاد
دفعہ نمبر۵۱۔ امیرِ جہاد کا محکمہ چار دفاتر پر مشتمل ہوتا ہے اور وہ یہ ہیں :خارجی، حربی(جنگی)، داخلی امن اور صنعت۔ امیر جہاد ہی ان کا نگران اور سربراہ ہوتا ہے۔
دفعہ نمبر۵۲۔ دفترِ خارجہ (محکمہ خارجہ)خارجی امور سے متعلقہ ان معاملات کا ذمہ دار ہوتا ہے جن کا تعلق دوسرے ممالک سے ہے ، چاہے یہ معاملات کچھ بھی ہوں۔
دفعہ نمبر۵۳۔ حربی دفتر(محکمۃ)مسلح افواج، پولیس، اسباب و ذرائع، مہمات اور سازوسامان وغیرہ کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ اسی طرح عسکری کالج، کمیشن اور فوج کی اسلامی تربیت اور عام تربیت۔ جنگ یا جنگی تیاری سے متعلق ہر کام کی ذمہ داری بھی حربی دفتر کے سر ہے۔
دفعہ نمبر۵۴۔ داخلی امن کا دفتر (محکمۃ)وہ دفتر ہے جو امن و امان سے متعلق ہر چیز کا ذمہ دار ہے۔ یہ ریاست میں مسلح افواج کے ذریعے امن و امان قائم رکھے گا اور پولیس کو امن کی حفاظت کے لیے بنیادی حیثیت حاصل ہو گی۔
دفعہ نمبر۵۵۔ صنعت کا محکمہ(دفتر )یہ وہ محکمہ ہے جو صنعت سے متعلق تمام امور کا ذمہ دار ہے۔ چاہے اس کا تعلق بھاری صنعت سے ہو جیسے انجن اور دوسرے آلات، گاڑیوں کے ڈھانچے ، الیکٹرونک آلات اور دوسرے اشیاء کی صنعت یا ہلکی (چھوٹی )صنعت ہو۔ وہ کارخانے چاہے عام ملکیت کے ہوں یا انفرادی ملکیت کے، جن کا حربی (جنگی)صنعت سے تعلق ہو۔ تمام کارخانے جنگی پالیسی کی بنیاد پر ہونے چاہییں۔
فوج
دفعہ نمبر۵۶۔ جہاد مسلمانوں پر فرض ہے۔ چنانچہ فوجی تربیت لازمی ہے۔ لہٰذا مسلمانمرد پندرہ سال کی عمر کو پہنچے تو اس پر جہاد کی تیاری کے لیے فوجی تربیت فرض ہے۔ جہاں تک فوج میں بھرتی ہونے کا تعلق ہے تو وہ فرضِ کفایہ ہے۔
دفعہ نمبر۵۷۔ فوج کی دواقسام ہیں۔ ایک احتیاطی فوج، اس سے مراد وہ تمام مسلمان ہیں جو اسلحہ اٹھاسکتے ہیں۔ دوسری دائمی فوج ہے۔ دائمی فوج کی تنخواہیں دوسرے ملازمین کی طرح ریاستی بجٹ سے مختص کی جاتی ہیں۔
دفعہ نمبر۵۸۔ تمام مسلح قوتیں ایک ہی قوت (فوج)ہیں۔ پھر اس میں سے ایک مخصوص تنظیم بنائی جاتی ہے اور اس کو متعین ثقافت دی جاتی ہے ، اسے پولیس کہا جاتا ہے۔
دفعہ نمبر۵۹۔ نظم ونسق کو پولیس کے سپرد کیا جاتا ہے۔ اسی طرح داخلی (اندرونی)امن و امان اور تمام انتظامی امور کی نگرانی بھی پولیس کی ذمہ داری ہے۔
دفعہ نمبر۶۰۔ فوج کے لیے برے گیڈ(لواء )اور جھنڈے (رایہ)بنائے جائیں گے۔ ریاست کا سربراہ(خلیفہ) ہی جس کو فوج کاسربراہ بنائے، برے گیڈ (لواء)اس کے حوالے کرے گا، اور جھنڈے (رایات )والایات کے سربراہ پیش کریں گے۔
دفعہ نمبر۶۱۔ خلیفہ فوج کا بھی قائد ہوتا ہے ، اور وہی فوج کے لیے کمانڈر انچیف کا تقرر بھی کرتا ہے۔ ہر برے گی ڈ کا امیر بھی وہی متعین کرتا ہے اور ہر دستے کا قائد مقرر کرتا ہے۔ فوج کی باقی ترتیب اس کے قائدین اور برے گیڈر کرتے ہیں۔ جہاں تک باقی کمانڈروں کا تعلق ہے تو ان کا تقرر جنگی تربیت (ثقافت)کی بنیاد پر ہو گا اور انہیں کمانڈر انچیف مقرر کرے گا۔
دفعہ نمبر۶۲۔ پوری فوج کو ایک ہی فوج بنایا جاتا ہے اور اس کو مختلف چھاؤنیوں میں رکھا جاتا ہے۔ یہ چھاؤنیاں مختلف ولایات (صوبوں )میں ہوتی ہیں بعض کچھ جنگی حکمت عملی کے مقامات پر بھی ہوتی ہیں۔ اس طرح بعض چھاؤنیوں کو ہمیشہ کے لیے گشتی چھاؤنیاں بنایا جاتا ہے، جہاں کی فوج ہمیشہ نقل و حرکت کرتی رہتی ہے اور ہمیشہ جنگی حالت میں رہتی ہے۔ ان چھاؤنیوں کو کئی ایک مجموعوں میں منظم کیا جاتا ہے۔ پھر ہر مجموعے کا ایک خاص فوجی نام رکھا جاتا ہے اور اس کا ایک خاص نمبر ہوتا ہے۔ جیسے دستہ نمبر۱، نمبر۲، نمبر۳وغیرہ یاکسی ولایہ (صوبہ)اور عمالہ کے نام کے ساتھ اسے موسوم کیا جاتا ہے۔
دفعہ نمبر۶۳۔ فوج کے لیے ہر ممکن اعلیٰ معیار کی عسکری تعلیم ہونی چاہیے اور حتی الامکان اس کو فکری طور پر بلند کرنا ضروری ہے۔ ہر فوج کو اسلامی ثقافت سے بہرہ ور کیا جانا چاہیے، تاکہ اس کے اندر اسلامی بیداری ہو، خواہ یہ اجمالی شکل ہی میں کیوں نہ ہو۔
دفعہ نمبر۶۴۔ یہ امر انتہائی ضروری ہے کہ ہر چھاؤنی میں معتدبہ مقدار میں ایسے کمانڈر ہوں ، جو فوجی اور جنگی امور کے ماہر ہوں۔ جو جنگی منصوبہ بندی اور معرکوں کے بارے میں مہارت رکھتے ہوں۔ اس قسم کے کمانڈروں کا تناسب فوج میں ممکن حد تک زیادہ سے زیادہ ہونا چاہیے۔
دفعہ نمبر۶۵۔ فوج کے پاس وافر مقدار میں اسلحہ، آلات، ضروری سازوسامان اور لوازمات کا ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ ایک اسلامی فوج کے طور پر اس کے فریضے کی ادائے گی میں یہ چیزیں اس کے لیے ممد و معاون ثابت ہوں۔
قضاء
دفعہ نمبر۶۶۔ قضاء اس حکمِ شرعی کے بارے میں خبر دینے کو کہتے ہیں جس کا ماننا لازم ہے۔ قضاء کے ذریعے لوگوں کے باہمی جھگڑوں کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں ان چیزوں کا سدباب کیا جاتا ہے جو جماعت (معاشرہ )کے حق میں نقصان دہ ہیں۔ یایوں کہنا چاہیے کہ رعایا اور حکمرانوں کے درمیان پائے جانے والے کسی بھی تنازع کو دور کیا جاتا ہے۔ جس فرد کے بارے میں فیصلہ کیا جا رہا ہے ، خواہ وہ حاکم ہویا خلیفہ، ملازم ہو یا کوئی اور۔
دفعہ نمبر۶۷۔ خلیفہ کسی ایسے شخص کو قاضی القضاء مقرر کرتا ہے ، جو مرد، عاقل، بالغ، آزاد، عادل اور مسلمان ہو اور وہ فقیہ بھی ہو، پھر انتظامی قوانین کے اندر رہتے ہوئے دوسرے قاضیوں کو مقرر کرنا، انہیں آداب سکھانا اور انہیں معزول کرنا قاضی القضاء کا کام ہے۔ جہاں تک محکمہ قضاء کے دوسرے ملازمین کا تعلق ہے تو یہ عدالتوں کے ادارے کے سربراہ کا کام ہے کہ وہ ان کے معاملات کی نگرانی کرے۔
دفعہ نمبر۶۸۔ قاضیوں کی تین اقسام ہیں :
نمبر۱۔ وہ قاضی جو لوگوں کے درمیان معاملات اور عقوبات سے متعلق جھگڑوں کا فیصلہ کرتا ہے۔
نمبر۲۔ محتسب:اس کا کام ان اختلافات کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے جو جماعت (معاشرہ) کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
نمبر۳۔ قاضی المظالم:اس کا کام عوام اور حکومت کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کا فیصلہ کرنا ہے۔
دفعہ نمبر۶۹۔ جس شخص کو قضاء کی ذمہ داری سونپی جائے اس کے لیے شرط ہے کہ وہ مسلمان، آزاد، بالغ، عاقل، عادل، فقیہ اور حالات سے متعلق اسلامی احکامات کا ادراک کرنے والا ہو۔ قاضی المظالم کے لیے ان شرائط کے علاوہ دو اور شرائط بھی ہیں اور وہ یہ کہ قاضی المظالم مرد اور مجتہد بھی ہو۔
دفعہ نمبر۷۰۔ یہ بات جائز ہے کہ قاضی اور محتسب کو ہر علاقے میں تمام فیصلے کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے اور یہ بھی جائز ہے کہ کسی خاص علاقے میں خاص قسم کے فیصلے کرنے کی ذمہ داری ان کے حوالہ کی جائے۔ ہاں ! قاضی المظالم کی ذمہ داری فیصلوں کے اعتبار سے ہمیشہ عام ہو گی۔ البتہ علاقے کے لحاظ سے اسے پوری ریاست کی ذمہ داری بھی دی جا سکتی ہے اور کسی خاص علاقے کی بھی۔
دفعہ نمبر۷۱۔ عدالت صرف ایک ایسے قاضی پر مشتمل ہو گی جسے مقدمات کے فیصلے کا اختیار ہو گا۔ اس کے ساتھ دوسرے قاضی بھی ہو سکتے ہیں ، لیکن انہیں فیصلے کا اختیار حاصل نہیں ہو گا، بلکہ صرف مشورہ اور رائے دینے کا اختیار ہو گا۔ ان کی رائے پر چلنا بھی قاضی کے لیے ضروری نہیں۔
دفعہ نمبر۷۲۔ قاضی کے لیے مجلسِ قضاء کے علاوہ کہیں اور فیصلہ کرنا جائز نہیں اور گواہی اور قسم بھی وہی معتبر ہو گی، جو مجلسِ قضاء میں دی گئی ہو۔
دفعہ نمبر۷۳۔ فیصلوں کی نوعیت کی مناسبت سے عدالتوں کے درجات بھی مختلف ہو سکتے ہیں۔ چنانچہ بعض قاضیوں کو ایک حد تک کچھ خاص فیصلوں کے لیے مخصوص کیا جا سکتا ہے۔ ان کے علاوہ دوسرے امور کو دوسری عدالتوں کے سپرد کیا جا سکتا ہے۔
دفعہ نمبر۷۴۔ اپیل کورٹ، سیشن کورٹس کا کوئی وجود نہیں۔ کسی مقدمے (کیس)کا فیصلہ ایک ہی مرتبہ اور اٹل ہوتا ہے۔ جب قاضی کسی فیصلے کا اعلان کرے تو وہ اسی وقت نافذ العمل ہو جاتا ہے ، کسی بھی دوسرے قاضی کا فیصلہ اس فیصلے کو ختم نہیں کر سکتا۔
دفعہ نمبر۷۵۔ محتسب وہ قاضی ہوتا ہے جو حقوق عامہ سے متعلق ایسے تمام مقدمات پر نظر رکھتا ہے۔ جن میں مدعی نہ ہو، بشرطیکہ وہ حدود اور جنایات میں داخل نہ ہوں۔
دفعہ نمبر ۷۶۔ محتسب کوجیسے ہی کسی واقعہ کا علم ہو تو وہ فوراً اس کے بارے میں حکم صادر کر سکتا ہے، چاہے کسی بھی جگہ ہو۔ اس کے لیے فیصلہ مجلسِ قضاء میں کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس کے احکامات کو نافذ کرنے کے لیے اس کے ماتحت پولیس کے افراد ہوں گے اور اس کا حکم فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔
دفعہ نمبر۷۷۔ محتسب اپنے لیے ایسے نائب منتخب کر سکتا ہے جن کے اندر محتسب کی شرائط پائی جاتی ہوں۔ وہ انہیں مختلف علاقوں میں پھیلا دے گا۔ ان نائبین کو اپنے اپنے علاقوں یا محلوں میں جن امور کے فیصلے ان کے سپرد کیے گئے ہیں، ان میں محتسب کے فریضے کو سرانجام دینے کا مکمل اختیار حاصل ہوتا ہے۔
دفعہ نمبر۷۸۔ قاضی المظالم وہ قاضی ہوتا ہے جس کا تقرر ریاست کے زیرِ سایہ زندگی گزارنے والے ہر شخص پر ہونے والے ظلم کا تدارک کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ خواہ وہ شخص ریاست کی رعایا میں سے ہویا نہ ہو۔ پھر ظلم چاہے ریاست کے سربراہ کی طرف سے ہویا اس کے علاوہ کسی اور حاکم یا ملازم کی جانب سے۔
دفعہ نمبر۷۹۔ خلیفہ یا قاضی القضاء، قاضی المظالم کا تقرر کرے گا۔ جہاں تک قاضی المظالم کے محاسبہ، اس کی گوشمالی یا اسے ہٹانے کا تعلق ہے تو خلیفہ یا محکمۃ المظالم، بشرطیکہ خلیفہ اسے اختیار دے دے، کی طرف سے ہو گا۔ لیکن جب وہ خلیفہ، معاون تفویض یا قاضی القضاء کے ظلم پر غور کر رہا ہو تو اس وقت اسے سبکدوش کرنا درست نہیں۔
دفعہ نمبر۸۰۔ قاضی المظالم کسی ایک یا چند افراد پر منحصر نہیں۔ بلکہ ریاست کا سربراہ مظالم کو ختم کرنے کے لیے حسبِ ضرورت جتنی تعداد مقرر کرنا چاہے، کر سکتا ہے۔ لیکن براہِ راست فیصلے کے دوران صرف ایک قاضی کو فیصلے کا اختیار ہو گا۔ فیصلے کی مجلس میں بہت سارے قاضی المظالم کا بیٹھنا جائز ہے۔ لیکن انہیں صرف مشورے کا اختیار ہو گا۔ اس (فیصلے کرنے والے قاضی)کے لیے ان کی رائے پر عمل کرنا بھی لازمی نہیں۔
دفعہ نمبر۸۱۔ محکمۃ المظالم کو ریاست کے کسی بھی حاکم یا ملازم کو معزول کرنے کا حق حاصل ہے، جیساکہ اس کو سربراہِ ریاست کو ہٹانے کا حق بھی حاصل ہے۔
دفعہ نمبر۸۲۔ محکمۃ المظالم کسی بھی قسم کے ظلم پر نظر رکھنے کا اختیار رکھتا ہے۔ خواہ یہ ظلم ریاستی ڈھانچے کے افراد سے متعلق ہو یا خلیفہ کی جانب سے احکامِ شرع کی مخالفت کے حوالے سے ہو یا خلیفہ کے تبنی کیے ہوئے دستور، قانون یا دوسرے شرعی احکامات کے تعین کے سلسلے میں کسی نصِ شرعی کی مخالفت کے متعلق ہو۔ یا پھر اس کا تعلق ٹیکس(کے نفاذ) وغیرہ سے ہو۔
دفعہ نمبر۸۳۔ قضاء مظالم میں نہ تو مجلسِ قضاء کی شرط ہے اور نہ ہی مدعی علیہ کو بلانے یا کسی مدعی کی موجودگی شرط ہے۔ بلکہ قضاء مظالم کو ظلم پر نظر رکھنے کا حق ہے ، خواہ کوئی بھی دعویٰ نہ کرے۔
دفعہ نمبر۸۴۔ ہر انسان کو جھگڑے (خصومت ) اور دفاع دونوں صورتوں میں کسی کو اپنا وکیل بنانے کا حق حاصل ہے۔ خواہ وہ (وکیل)مسلمان ہویا غیر مسلم، مرد ہو یا عورت۔ اس صورت میں وکیل اور مؤکل میں کوئی فرق نہیں ہو گا۔ وکیل کے لیے اپنی وکالت کی اجرت لینا جائز ہے۔ اجرت دونوں (وکیل اور مؤکل)کی رضامندی سے مقرر ہو گی۔
دفعہ نمبر۸۵۔ ہر وہ شخص، جو خاص اعمال کو انجام دینے کا اختیار رکھتا ہو، مثلاً وصی (نگران)اور ولی (سرپرست)یا اس کے پاس اعمالِ عامہ کی انجام دہی کا اختیار ہو، جیسے خلیفہ کا مقرر کردہ سربراہ، حاکم، ملازم، قاضی المظالم اور محتسب، تو وہ اپنے اختیارات میں اپنی طرف سے دفاع یا جھگڑے (خصومت)کے لیے کسی کو اپنا وکیل بناسکتا ہے۔ یہ وکالت بھی وصی، ولی یا خلیفہ یا حاکم یا ملازم یا قاضی المظالم اور محتسب کے اعتبار سے ہو گی۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ مدعی ہو یا مدعی علیہ۔
الولاۃ (گورنرز)
دفعہ نمبر۸۶۔ ان علاقوں کو، جو اسلامی ریاست کے زیرِ نگیں ہیں، کئی ایک اکائیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور ہر اکائی کو ولایہ کہا جاتا ہے۔ پھر ولایہ کو کئی اکائیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور ہر اکائی کو عمالہ کہا جاتا ہے۔ پھر ولایہ کاجو ذمہ دار ہوتا ہے اسے والی اور عمالہ کے سربراہ کو عامل یا حاکم کہا جاتا ہے۔
دفعہ نمبر۸۷۔ والیوں کا تقرر خلیفہ کرتا ہے۔ عمال کا تقرر خلیفہ اور والی دونوں کر سکتے ہیں، بشرطیکہ یہ کام والیوں کے حوالہ کیا جائے۔ والیوں اور عاملوں کے لیے وہی شرائط ہیں جو معاونین کے لیے ہیں۔ چنانچہ ان کامسلمان، عاقل، بالغ، آزاد، عادل اور مرد ہونا لازمی ہے۔ جو کام ان کے حوالے کیے گئے ہیں ان سے عہدہ بر آء ہونے کی اہلیت بھی شرط ہے۔ ان لوگوں کا انتخاب تقویٰ اور قوت کی بنیاد پر ہو گا۔
دفعہ نمبر۸۸۔ والی کو اپنی ولایہ میں خلیفہ کے نائب کی حیثیت سے دفاتر کے تمام کاموں میں حکمرانی اور نگرانی کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔ گو کہ والی کو اپنی ولایہ میں وہ تمام اختیارات حاصل ہیں جو معاونین کو ریاست میں حاصل ہیں ، یعنی وہ اپنی ولایہ کا امیر ہے ، مالیات، قضاء اور فوج کو چھوڑ کر ہر چیز پر اس کی نگرانی ہو گی، تاہم پولیس بطورِ تنفیذ اس کے ماتحت ہو گی، نہ کہ بطور ادارہ۔
دفعہ نمبر۸۹۔ والی اپنی امارت سے متعلقہ امور کے بارے میں جن فیصلوں یا احکامات پر دستخط کرے ، ان کے بارے میں خلیفہ کو مطلع کرنے کا پابند نہیں۔ ہاں !اختیاری طور پر اسے باخبر کر سکتا ہے۔ البتہ جب کوئی نیا مسئلہ درپیش ہو تو خلیفہ کے علم میں لائے بغیر اس کا فیصلہ کرنے کا مجاز نہیں۔ لیکن اگر تاخیر کی صورت میں کسی معاملے کے بگڑ جانے کا خطرہ ہو تو اس معاملے کو طے کر دے۔ پھر خلیفہ کو لازمی طور پر آگاہ کر دے اور وہ اسباب بھی بتائے جن کی وجہ سے خلیفہ کو اس مسئلے کے بارے میں باخبر نہیں کر سکا۔
دفعہ نمبر۹۰۔ ہر ولایہ کے اندر اہل ولایہ میں سے ایک منتخب کمیٹی (مجلس)ہو گی، جس کا سربراہ خود والی ہو گا۔ اس کمیٹی کو انتظامی معاملات سے متعلق رائے کے اظہار کا اختیار ہو گا، نہ کہ حکومتی معاملات سے متعلق، نیز والی کے لیے اس کی رائے پر عمل کرنا بھی لازمی نہیں۔
دفعہ نمبر۹۱۔ ایک ولایہ پر ایک ہی شخص کا مدتِ دراز تک والی کے طور پر خدمات سر انجام دینا مناسب نہیں۔ خاص طور پر جب کسی ایک ولایہ میں وہ مرجع (مرکزی شخصیت)بن جائے یا اس کی وجہ سے لوگوں کے فتنے میں پڑنے کا خطرہ ہو۔
دفعہ نمبر۹۲۔ والی کو ایک ولایہ سے دوسری ولایہ میں تبدیل نہیں کیا جائے گا، کیونکہ اس کی ولایت عام اور محدود جگہ کے لیے ہے۔ ہاں !اسے معزول کر کے پھر دوبارہ والی مقرر کیا جا سکتا ہے۔
دفعہ نمبر۹۳۔ جب خلیفہ والی کو معزول کرنا مناسب سمجھے تو اسے معزول کر سکتا ہے۔ یا پھر مجلسِ شوریٰ کسی سبب سے یا بغیر کسی سبب کے اس پرعدم اعتماد کا اظہار کرے، یا اہل ولایہ کی اکثریت اس سے ناراضی کا اظہار کرے، تو اسے معزول کیا جائے گا اور اسے صرف خلیفہ ہی معزول کر سکتا ہے۔
دفعہ نمبر۹۴۔ خلیفہ کا فرض ہے کہ وہ والیوں کے اعمال پر نظر رکھے اور ان کی کڑی نگرانی کرے۔ ان پر نظر رکھنے کے لیے اپنے نائب مقرر کرے۔ ان کے بارے میں برابر تفتیش کرتا رہے۔ وقتاً فوقتاً تمام والیوں کا ایک ساتھ یا الگ الگ اجلاس بلاتا رہے اور والیوں کے بارے میں رعایا کی شکایتوں سے انہیں باخبر کرے۔
انتظامی ڈھانچہ
دفعہ نمبر۹۵۔ ریاستی امور کو چلانے اور لوگوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے دفاتر اور محکمے ہوتے ہیں، جن کی ذمہ داری ریاست کے مسائل کو حل کرنا اور لوگوں کی ضروریات پوری کرنا ہے۔
دفعہ نمبر۹۶۔ مفادات کا ادارہ، دفاتر اور محکمے نظام میں سادگی، ذمہ داریوں کو جلدی نبھانے اور اہلیت کی پالیسی کی بنیاد پر قائم ہوں گے۔
دفعہ نمبر۹۷۔ ہر اس شہری کو، جس کے اندر اہلیت ہو، خواہ وہ مرد ہو یا عورت، مسلمان ہو یا غیرمسلم، کسی مفاد یا کسی ادارے کاسربراہ مقرر کیا جا سکتا ہے اور وہ اس ادارے میں ملازم ہو سکتا ہے۔
دفعہ نمبر۹۸۔ ہر مصلحت (مفاد )کے لیے ایک عام نگران مقرر کیا جائے گا اور ہر دفتر اور محکمے کے لیے ایک ایسا نگران مقرر کیا جائے گا، جو اس کا ذمہ دار ہو گا اور وہ براہِ راست اس کے بارے میں مسؤل ہو گا۔ یہ نگران اعلیٰ انتظامیہ یا اپنے دفتر یا اپنے محکمے کے سربراہ کے سامنے اپنے عمل کے سلسلے میں جوابدہ ہوں گے۔ اسی طرح یہ والی اور عامل کے روبرو عام انتظامی احکامات کی پابندی کے لحاظ سے بھی جوابدہ ہوں گے۔
دفعہ نمبر۹۹۔ مصالح (مفادات کے ادارے )، دفاتر اور محکموں کے سربراہ صرف کسی انتظامی سبب ہی سے معزول کیے جا سکیں گے۔ ہاں ! انہیں ایک کام سے فارغ کر کے دوسرے کام پر لگانا جائز ہے۔ انہیں کسی کام سے روکنا بھی جائز ہے۔ ان کا تقرر، ان کی تبدیلی، انہیں کام سے روکنا، ان کی گوشمالی کرنا اور انہیں سبکدوش کرنا ان کے ادارے یا ان کے دفاتر کے اعلیٰ انتظامی سربراہ (منتظمِ اعلیٰ)کا کام ہے۔
دفعہ نمبر۱۰۰۔ سربرا ہوں کے سواجو ملازمین ہیں ، ان کا تقرر، ان کی تبدیلی، انہیں کام سے روکنا، ان کی اصلاح اور انہیں ہٹا نے کی ذمہ داری ان کے ادارے یا دفاتر کے منتظمِ اعلیٰ کے سرپر ہے۔
مجلسِ امت(شوریٰ)
دفعہ نمبر۱۰۱۔ وہ افراد، جو رائے کے لحاظ سے مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور جن کی طرف خلیفہ رجوع کرتا ہے ، انہیں مجلسِ امت کہا جاتا ہے۔ حکمرانوں کے مظالم کی شکایت یا اسلامی احکامات کو غلط طریقے سے نافذ کرنے پر شکوہ کی غرض سے غیر مسلم بھی مجلسِ شوریٰ میں ہو سکتے ہیں۔
دفعہ نمبر۱۰۲مجلسِ امت(شوریٰ) کے اراکین کا چناؤ انتخاب کے ذریعے ہو گا۔
دفعہ نمبر۱۰۳۔ ہر عاقل و بالغ انسان کو، جوریاست کا شہری ہو، مجلسِ امت کا رکن بننے کا حق حاصل ہے۔ خواہ مرد ہو یا عورت، مسلمان ہو یا کافر، البتہ غیر مسلم رکن کا مشورہ حکام کے مظالم یا اسلامی احکامات کی غلط طریقے پر تنفیذ کی شکایت تک محدود ہو گا۔
دفعہ نمبر۱۰۴۔ شوریٰ کا مطلب ہے مطلق انداز میں رائے لینا اور مشورہ ایسی رائے لینا جس کا اختیار کرنا لازم ہو۔ قانون سازی، قوانین کی تعریف، فکری امور جیسے حقائق سے پردہ اٹھانا اور فنی اور سائنسی امور مشورہ میں داخل نہیں۔ اس کے علاوہ دوسری آراء مشورہ میں داخل ہیں۔
دفعہ نمبر۱۰۵۔ شوریٰ صرف مسلمانوں کا حق ہے۔ اس میں غیر مسلموں کا کوئی حق نہیں۔ لیکن اظہارِ رائے کا حق رعایا کے تمام افراد کو، خواہ مسلم ہوں یا غیر مسلم، سب کو حاصل ہے۔
دفعہ نمبر۱۰۶۔ وہ مسائل جو شوریٰ کے تحت آتے ہیں اور جن کی نوعیت مشورہ کی ہو، ان میں اکثریت کی رائے کو اختیار کیا جائے گا، قطع نظر اس کے کہ وہ درست ہے یا غلط۔ وہ امور جو مشورہ کے تحت ہیں ان میں دیکھا جائے گا کہ درست کیا ہے ؟اس با ت کو نظر انداز کر دیا جائے گا کہ یہ اکثریت کی رائے ہے یا اقلیت کی۔
دفعہ نمبر۱۰۷۔ مجلسِ امت کو چار اختیارات حاصل ہوں گے۔
اول(الف)ہر وہ معاملہ، جس کا تعلق اُن امورِ داخلیہ سے ہو جن پر لفظ مشورہ کا اطلاق ہوتا ہے تو اس میں مجلسِِ امت( شوریٰ) کی رائے لی جائے گی۔ جیسے حکومتی معاملات، تعلیم، صحت اور اقتصاد سے متعلقہ معاملات وغیرہ۔ ان میں مجلسِ شوریٰ کی رائے کو اختیار کیا جائے گا۔ ہر وہ معاملہ، جس کا تعلق ان امور سے نہ ہو، جس پر لفظ مشورہ کا انطباق ہوتا ہو، ان میں مجلسِ شوریٰ کی رائے کو اختیار کرنا لازمی نہیں۔ چنانچہ خارجہ سیاست، مالیات اور فوج کے بارے میں ضروری نہیں کہ مجلسِ شوریٰ کی رائے لی جائے۔
(ب)مجلس امت کو تمام معاملات میں ریاست کے محاسبہ کا حق حاصل ہے۔ خواہ ان امور کا تعلق خارجہ سے ہو یا یہ داخلی امور ہوں، یا مالیات اور فوج سے متعلق ہوں۔ اس سلسلے میں اگر اس کی رائے خلافِ شرع نہ ہو تو اس رائے کو اختیار کرنا لازمی ہو گا۔ اگر کسی عمل کے شرعی پہلو اور شرعی حیثیت کے بارے میں مجلسِ شوریٰ اور حکمرانوں کے مابین اختلاف ہو تو اس کے لیے محکمۃ المظالم کی طرف رجوع کیا جائے گا۔
دوم۔ مجلسِ امت( شوریٰ )والیوں اور معاونین کے بارے میں ناپسندیدگی (عدمِ اعتماد)کا اظہار کر سکتی ہے۔ اس کی رائے پر عمل کرنا ضرور ی ہو گا اور خلیفہ کو چاہیے کہ وہ فوراً ان لوگوں کو معزول کر دے۔
سوم۔ خلیفہ دستور اور قوانین کے لیے جن احکامات کی تبنی کا ارادہ کرے تو اسے چاہیے کہ ان احکامات کو مجلسِ امت (شوریٰ) کے سامنے رکھے۔ مجلسِ امت( شوریٰ) کے اراکین کو ان کے بارے میں بحث و مباحثے اور اظہارِ رائے کا حق حاصل ہے۔ البتہ خلیفہ کے لیے ان کی رائے پر عمل کرنا لازمی نہیں۔
چہارم۔ مجلس امت کے مسلمان اراکین کو امیدوارانِ خلافت کی تعداد متعین کرنے کا حق حاصل ہے۔
معاشرتی نظام
دفعہ نمبر۱۰۸۔ بنیادی طور پر عورت ماں ہے اور گھر کی ذمہ دار ہے۔ وہ ایک ایسی آبرو (عصمت )ہے۔ جس کی حفاظت فرض ہے۔
دفعہ نمبر۱۰۹۔ اصول یہ ہے کہ مرد اور عورت الگ الگ ہوں یا کسی ایسی (شرعی ) ضرورت کے لیے اکٹھے ہو سکتے ہیں جس کی شریعت نے اجازت دی ہو، مثلاً تجارت کے لیے یا جس (شرعی ضرورت)کے لیے اجتماع ناگزیر ہو، مثلاً حج۔
دفعہ نمبر۱۱۰۔ عورت کے بھی وہی حقوق ہیں جو مر د کے ہیں، سوائے ان کے جو اسلام نے اس کے ساتھ خاص کیے ہیں۔ عورت کے بھی وہی فرائض ہیں جو مرد کے ہیں۔ اسی طرح مرد کے بھی کچھ خاص فرائض ہیں جو شرعی دلائل سے ثابت ہیں۔ چنانچہ عورت کو تجارت، زراعت اور صنعت کا حق حاصل ہے۔ وہ عقود اور معاملات کی نگرانی کر سکتی ہے۔ اسے ہر قسم کی ملکیت کا بھی حق حاصل ہے۔ اپنے اموال کو خود یا کسی کے ذریعے سے بڑھا (نشو و نما کر)سکتی ہے۔ زندگی کے تمام معاملات (مسائل)کو خود براہِ راست نپٹاسکتی ہے۔
دفعہ نمبر۱۱۱۔ حکومتی عہدوں پر عورت کا تقرر جائز ہے۔ محکمۃ المظالم کو چھوڑ کر قضاء کی باقی ذمہ داریاں نباہنا بھی اس کے لیے جائز ہے۔ عورت مجلسِِ امت(شوریٰ) کے لیے اراکین منتخب کر سکتی ہے اور خود بھی ا س کی رکن بن سکتی ہے۔ اسی طرح خلیفہ کے انتخاب اور اس کی بیعت میں بھی شریک ہو سکتی ہے۔
دفعہ نمبر۱۱۲۔ عورت حکمران نہیں بن سکتی۔ چنانچہ وہ خلیفہ، محکمہ ا لمظالم کا قاضی، والی، عامل اور کوئی ایسا عہدہ قبول نہیں کر سکتی، جو براہِ راست حکمرانی میں آتا ہو۔
دفعہ نمبر۱۱۳۔ عورت کی زندگی دو دائروں میں ہے۔ عام زندگی اور خاص زندگی۔ چنانچہ عام زندگی میں وہ عورتوں ، محرم اور غیر محرم مردوں کے ساتھ زندگی گزار تی ہے۔ لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ اس صورت میں اس کا چہرہ اور ہتھیلیوں کے سوادوسراکوئی عضو ظاہر نہ ہو۔ اظہارِ زینت ہو اور نہ بے پردگی ہو۔ خاص زندگی میں عورت کے لیے صرف عورتوں اور محارم کے ساتھ زندگی گزارنا جائز ہے۔ اس صورت میں اجنبی مردوں کے ساتھ رہنا جائز نہیں۔ زندگی گزارنے کی ان دونوں صورتوں میں وہ احکامِ شرع کی پابند ہے۔
دفعہ نمبر۱۱۴۔ عورت کے لیے غیر محرم کے ساتھ خلوت ممنوع ہے۔ اسی طرح غیروں کے سامنے اظہارِ زینت اور اپنے ستر کو کھولنا بھی ممنوع ہے۔
دفعہ نمبر۱۱۵۔ مرد اور عورت دونوں کو ہر اس کام سے روکا جائے گا جو اخلاق کے لیے خطرناک اور معاشرے کے فساد کاسبب ہو اور یہ احکامِ شرعیہ میں سے کسی حکمِ شرعی کے تحت آتا ہو۔ جیسے مردوں میں پائے جانے والے جنسی میلان سے فائدہ اٹھانے کے لیے عورتوں یا بچوں کو کرائے پر رکھنا۔ جیساکہ عورت کو ہوائی جہاز میں میزبان (ائیرہوسٹس )کے طور پر رکھنا، اور ہوٹلوں اور ہئیر ڈریسروں میں لڑکیوں یا خوبرو لڑکوں کو رکھنا وغیرہ۔
دفعہ نمبر۱۱۶۔ ازدواجی زندگی اطمینان کی زندگی ہونی چاہیے اور زوجین کے درمیان رفاقت ہونی چاہیے۔ شوہر کے قوام (قوت والا)ہونے کا مطلب (عورت کی )نگہداشت ہے، نہ کہ حاکمیت (حکم چلانا )۔ بیوی پر شوہر کی اطاعت فرض ہے۔ مرد پر بیوی کے لیے حسبِ استطاعت نان و نفقہ بھی فرض ہے۔
دفعہ نمبر۱۱۷۔ گھر کے کاموں میں میاں بیوی کو مکمل تعاون کرنا چاہیے۔ گھر سے باہر کے تمام کام خاوند کے ذمہ ہیں۔ گھر کے اندرونی کام حسبِ استطاعت تمام عورت کے اوپر ہیں۔ جن کاموں کو کرنے پر بیوی قادر نہ ہو تو اس کے لیے خادم مہیا کرنا خاوند کی ذمہ داری ہے۔
دفعہ نمبر۱۱۸۔ چھوٹے بچوں کی پرورش عورت کا فرض بھی ہے اور اس کا حق بھی، خواہ وہ (عورت)مسلم ہو یا غیر مسلم۔ جب تک بچے کی پرورش کی ضرورت ہے ، یہ اس کی ذمہ داری ہے۔ جب بچے کو اس کی ضرورت نہ رہے تو دیکھا جائے گا کہ دودھ پلانے والی اور ولی دونوں مسلمان ہیں یا نہیں۔ اگر دونوں مسلمان ہوں تو چھوٹے بچے کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ جس کے ساتھ رہنا چاہے، رہے۔ چھوٹا بچہ چاہے لڑکی ہو یا لڑکا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اگر دودھ پلانے والی اور ولی میں سے کوئی ایک غیر مسلم ہو تو بچے کو اختیار نہیں ہو گا، بلکہ اُسے مسلمان کے حوالے کیا جائے گا۔
اقتصادی نظام
دفعہ نمبر۱۱۹۔ اقتصادی پالیسی یہ ہے کہ ضروریات کو پورا کرتے وقت اس چیز کو مد نظر رکھا جائے کہ جس پر معاشرہ قائم (معاشرے کا دارومدار) ہے۔ چنانچہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس چیز کو بنیاد بنایا جائے گا جس پر معاشرے کا دارومدار ہے۔
دفعہ نمبر۱۲۰۔ (اصل)اقتصادی مسئلہ اموال اور منافع کو رعایا کے تمام افراد پرتقسیم کرنا اور رعایا کو جدوجہد کے ذریعے ان (اموال )سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا ہے۔
دفعہ نمبر۱۲۱۔ تمام افراد کو فرداً فرداً تمام بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی ضمانت دینا لازمی ہے۔ اسی طرح ہر فرد کو اعلیٰ معیارِ زندگی کی ضروریات کو ممکن حد تک پورا کرنے کی ضمانت دینا بھی ضروری ہے۔
دفعہ نمبر۱۲۲۔ مال صرف اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے ، اسی نے بنی نوع انسان کو مال میں اپنا جانشین بنایا ہے اور اسی عام جانشینی کی وجہ سے انسان کو ملکیت کا حق حاصل ہے۔ اللہ تعالیٰ ہی نے فرد کو اس مال پر قبضے کا اختیار (اجازت)دیا۔ چنانچہ اس اجازت کی وجہ سے انسان بالفعل مال کا مالک بن گیا۔
دفعہ نمبر۱۲۳۔ ملکیت کی تین اقسام ہیں۔ انفرادی ملکیت، عام ملکیت، ریاستی ملکیت۔
دفعہ نمبر۱۲۴۔ انفرادی ملکیت ایک شرعی حکم ہے۔ اس کا تعلق عین (اصل )یا منفعت سے ہے۔ اس (ملکیت )کا تقاضا ہے کہ صاحبِ مال کو مال سے یا مال کے عوض فائدہ اٹھانے کا اختیار حاصل ہو۔
دفعہ نمبر۱۲۵۔ ملکیتِ عامہ سے مراد جماعت کی طرف سے مشترکہ طور پر عین (اصل) سے فائدہ اٹھانے کی شرعی اجازت ہے۔
دفعہ نمبر۱۲۶۔ ہر وہ مال، جس کو خرچ کرنا خلیفہ اور اس کے اجتہاد پر موقوف ہے، وہ ریاست کی ملکیت ہے ، مثلاً ٹیکسوں، خراج اور جزیہ کے اموال۔
دفعہ نمبر۱۲۷۔ انفرادی ملکیت، خواہ وہ اموالِ منقولہ ہوں یا غیر منقولہ، وہ ان پانچ شرعی اسباب کے اندر ہیں :
الف۔ عمل (کام)
ب۔ میراث
ج۔ زندگی گزارنے کے لیے مال سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت
د۔ ریاست کی جانب سے اپنے اموال میں سے رعایا کو دینا
ھ۔ وہ اموال، جن کو افراد کسی مال کے بدلے یا جدوجہد کے بغیر حاصل کریں
دفعہ نمبر۱۲۸۔ ملکیت میں تصرف شارع کی اجازت پر موقوف ہے۔ چاہے یہ تصرف خرچ سے متعلق ہویا ملکیت کو بڑھانے کے حوالے سے ہو۔ چنانچہ اسراف (فضول خرچی)دولت کی ریل پیل، کنجوسی، سرمایہ دارانہ کمپنیاں ، تعاونی انجمنیں (کوآپر یٹوسوسائٹی )اور تمام خلافِ شرع معاملات ممنوع ہیں۔ اسی طرح سود، غبن فاحش(دغا بازی)، ذخیرہ اندوزی اور جواء وغیرہ سبھی ممنوع ہیں۔
دفعہ نمبر۱۲۹۔ عشری زمین وہ ہے جہاں کے رہنے والے (مالک )اس زمین پر رہتے ہوئے ایمان لائیں۔ مثلاً جزیرہ عرب کی سرزمین۔ خراجی زمین عرب کو چھوڑ کر ہر وہ زمین، جو جنگ یا صلح کے ذریعے فتح کی گئی ہو۔ عشری زمین اور اس سے سے حاصل ہونے والی منفعت دونوں افراد کی ملکیت ہوتے ہیں۔ خراجی زمین ریاست کی ملکیت ہوتی ہے اور اس کا فائدہ افراد کی ملکیت ہوتا ہے۔ شرعی عقود کے تحت ہر فرد کو عشری زمین اور خراجی زمین کی منفعت تبدیل کرنے کا حق حاصل ہے۔ دوسرے اموال کی طرح یہ (زمین )بطورِ میراث بھی منتقل ہو گی۔
دفعہ نمبر۱۳۰۔ بنجر زمین کی آبادکاری اور اس کے آس پاس پتھر لگانے (تحجیر)سے اس کا مالک بنا جا سکتا ہے۔ غیر بنجر (آباد)زمین کی ملکیت صرف شرعی سبب یعنی میراث، شراء (خریدنے ) اور (کسی کی طرف سے )دینے (الاٹ کرنے )سے ہو گی۔
دفعہ نمبر۱۳۱۔ زمین خواہ خراجی ہو یا عشری، اس کو کرائے پر دینا ممنوع ہے۔ جس طرح کہ مزارعت (زمین بٹائی پر دینا)ممنوع ہے۔ ہاں ! مساقات (زمین کو پانی دینا)مطلقاً جائز ہے۔
دفعہ نمبر۱۳۲۔ ہر مالکِ زمین کو زمین سے فائدہ اٹھانے پر مجبور کیا جائے گا۔ زمین سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسے کسی قسم کی امداد کی ضرورت ہو تو بیت المال سے ہر ممکن طریقے سے اس کی مدد کی جائے گی۔ ہر وہ شخص، جو زمین سے تین سال تک کوئی فائدہ اٹھائے بغیر اس کو بیکار چھوڑ دے ، تو یہ زمین اس سے لے کر کسی اور کو دی جائے گی۔
دفعہ نمبر۱۳۳۔ تین اشیاء میں ملکیت عامہ ہے :
الف۔ ہر وہ چیز جو جماعت کی ضرورت ہو، مثلاً شہر کے میدان۔
ب۔ ختم نہ ہونے والی معدنیات جیسے پٹرول۔
ج۔ وہ اشیاء جو طبعی طور پر افراد کے ساتھ مخصوص نہیں ہو سکتیں، مثلاً نہریں۔
دفعہ نمبر۱۳۴۔ کارخانہ بحیثیتِِ کارخانہ انفرادی ملکیت ہوتا ہے۔ تاہم کارخانے کا وہی حکم ہے جو اس کی پیداوار کا ہے۔ چنانچہ کارخانے میں پیدا ہونے والی چیز انفرادی املاک میں سے ہو تو کارخانہ بھی انفرادی ملکیت میں ہو گا، مثلاً کپڑے کا کارخانہ۔ اگر کارخانے کی پیداوار عام ملکیت ہو تو کارخانہ بھی عام ملکیت میں ہو گا، جیسا کہ لوہے کا کارخانہ۔
دفعہ نمبر۱۳۵۔ ریاست کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ انفرادی ملکیت کی کسی چیز کو عام ملکیت میں دے دے۔ کیونکہ عام ملکیت ہونا مال میں طبعی بات ہے اور یہ مال کی صفت ہے، نہ کہ ریاست کی رائے۔
دفعہ نمبر۱۳۶۔ امت کے ہر فرد کو عام ملکیت میں داخل ہر چیز سے فائدہ اٹھانے کا حق حاصل ہے۔ ریاست کے لیے کسی خاص فرد کو عام ملکیت کے املاک کا مالک بنانا یا اس سے فائدہ اٹھانے کی اجازت دینا جائز نہیں۔
دفعہ نمبر۱۳۷۔ ریاست کے لیے رعایا کے مفادات کے لیے بنجر زمین یا عام ملکیت میں داخل کسی چیز کو (لوگوں کے لیے )ممنوع قرار دینا جائز ہے۔
دفعہ نمبر۱۳۸۔ مال کو جمع کر کے رکھنا (خزانہ بنانا)ممنوع ہے۔ اگرچہ اس پر زکوٰۃ بھی کیوں نہ دی جائے۔
دفعہ نمبر۱۳۹۔ مسلمانوں سے زکوٰۃ لی جائے گی۔ زکوٰۃ صرف اُن اموال پر لی جائے گی جن پر زکوٰۃ لینے کو شریعت نے متعین کر دیا ہے، مثلاً نقدی، تجارتی سازوسامان، مویشی اور غلہ۔ جن اموال پر زکوٰۃ لینے کی کوئی شرعی دلیل نہ ہو، اُن پر زکوٰۃ نہیں لی جائے گی۔ زکوٰۃ ہر صاحبِ نصاب سے لی جائے گی، خواہ وہ مکلف ہو جیساکہ عاقل بالغ انسان یا وہ غیر مکلف ہو، جیسا کہ بچہ اور مجنون۔ پھر اس زکوٰۃ کو بیت المال کی ایک خاص مد میں رکھا جائے گا۔ زکوٰۃ کو قرآن کریم میں وارد آٹھ اصناف میں سے کسی ایک یا ایک سے زائد اصناف کے علاوہ کہیں اور خرچ نہیں کیا جائے گا۔
دفعہ نمبر۱۴۰۔ ذمیوں سے جزیہ لیا جائے گا اور جزیہ ذمیوں کے بالغ مردوں سے ان کی استطاعت کے مطابق لیا جائے گا۔ عورتوں اور بچوں سے جزیہ نہیں لیا جائے گا۔
دفعہ نمبر۱۴۱۔ خراجی زمین پر خراج مناسب مقدار میں لیا جائے گا اور عشری زمین کی پیداوار پر زکوٰۃ لی جائے گی۔
دفعہ نمبر۱۴۲۔ مسلمانوں سے اتنا ٹیکس (ضربیۃ)وصول کیا جاتا ہے جتنا بیت المال کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہو۔ شرط اس میں یہ ہے کہ یہ اس رقم پر وصول کیا جاتا ہے جو صاحبِ مال کے پاس معروف طریقہ کے مطابق اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد زائد ہو۔ اس (ٹیکس لینے )میں اس بات کی بھی رعایت رکھی جاتی ہے کہ وہ ٹیکس ریاست کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھی کافی ہو۔ غیر مسلموں سے یہ ٹیکس بالکل وصول نہیں کیا جاتا اور ان سے سوائے جزیہ کے اور کچھ بھی نہیں لیا جاتا۔
دفعہ نمبر۱۴۳۔ وہ تمام اعمال، جن کی انجام دہی کو شریعت نے امت پر فرض قرار د یا ہے ، اگر بیت المال میں ان اعمال (ذمہ داریوں ) کو انجام دینے کے لیے مال نہ ہو تو یہ فرض امت کی طرف منتقل ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں ریاست کو اس امر کا حق حاصل ہے کہ وہ اس فریضہ سے عہدہ برآ ء ہونے کے لیے امت پر ٹیکس لازم کر دے۔ لیکن جن امور کی ادائے گی کو شریعت نے امت پر فرض قرار نہیں دیا ہے، ان کے لیے ٹیکس وصول کرنا ریاست کے لیے جائز نہیں۔ چنانچہ ریاست کو رٹ فیس یا دفتری فیس یا عدالتی ٹیکس یا کسی بھی اور طرح کا ٹیکس نہیں لے سکتی۔
دفعہ نمبر۱۴۴۔ ریاستی بجٹ کی شقیں دائمی نوعیت کی ہوتی ہیں، جنہیں احکامِ شرعیہ نے مقرر کر دیا ہے۔ اس کی مزید مدات ہوتی ہیں جن میں سے ہر مد کے لیے پھر رقوم مختص کی جاتی ہیں۔ بجٹ کی مقدار اور جن مدات کے لیے رقوم مختص کی جاتی ہیں، یہ سب خلیفہ کی رائے اور اجتہاد پر موقوف ہے۔
دفعہ نمبر۱۴۵۔ بیت المال کی آمدن کے دائمی ذرائع یہ ہیں۔ مالِ فے پورا، جزیہ، خراج، (رکازکاخمس)اور زکوٰۃ۔ ان اموال کو ہمیشہ وصول کیا جائے گا۔ خواہ ان کی ضرورت ہو یا نہ ہو۔
دفعہ نمبر۱۴۶۔ بیت المال کی دائمی آمدنی ریاست کے اخراجات کے لیے ناکافی ہونے کی صورت میں ریاست مسلمانوں سے ضرائب(ٹیکسز)وصول کرے گی اور ٹیکسز لینے کا طریقہ کار یوں ہونا چاہیے :
الف۔ فقراء، مساکین، مسافراور فریضہ جہاد کی ادائے گی کے لیے بیت المال پر فرض اخراجات کو پورا کرنے کے لیے۔
ب۔ اُن اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ، جنہیں پورا کرنا بیت المال کے ذمہ بطورِ بدل واجب ہے، مثلاً ملازمین کے اخراجات، فوجیوں کا راشن اور حکام کے معاوضے۔
ج۔ اُن اخراجات کو پورا کرنا، جو بیت المال پر مصلحتاً بغیر کسی بدل کے واجب ہیں۔ مثلاً نئی سڑکیں بنانا، زمین سے پانی نکالنا، مساجد، مدارس اور شفا خانے بنوانا۔
د۔ اُن نقصانات کا تدارک کرنا، جو بیت المال پر واجب ہیں۔ مثلاً کوئی ہنگامی حالت، قحط، طوفان اور زلزلے۔
دفعہ نمبر ۱۴۷۔ وہ اموال بھی ذرائع آمدن میں شمار ہوتے ہیں جو سرحدی علاقوں پر کسٹم (محصول چونگی)کے ذریعے بیت المال میں جمع ہوتے ہیں۔ اس طرح وہ عام ملکیت یا ریاستی ملکیت کے اموال اور وہ اموال جن کا کوئی وارث نہ ہونے کی وجہ سے انہیں بیت المال میں رکھا گیا ہو۔
دفعہ نمبر۱۴۸۔ بیت المال کے اموال کو ان چھ اطراف میں تقسیم کیا جائے گا:
الف۔ وہ آٹھ اصناف جو اموالِ زکوٰۃ کے مستحق ہیں، اُن پر زکوٰۃ کی مد سے خرچ کیا جائے گا۔ جب زکوٰۃ کی مد میں کوئی مال موجود نہ ہو تو ان پر کوئی چیز خرچ نہیں کی جائے گی۔
ب۔ فقراء، مساکین، مسافر (ابن السبیل)، جہاد، مقروض(غارمین)پر خرچ کرنے کے لیے اموالِ زکوٰۃ میں سے کچھ مال موجودنہ ہو تو ان پر بیت المال کی دائمی نوعیت کی آمدنی کے ذرائع سے خرچ کیا جائے گا۔ لیکن اس میں بھی اگر کوئی مال نہ ہو تو قرض داروں (غارمین)پرکچھ خرچ نہیں کیا جائے گا۔ لیکن فقراء، مساکین، مسافراور جہاد ی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ٹیکس لگائے جائیں گے اور اگر ٹیکس لگانے میں کسی فساد کا خوف ہو تو ٹیکس کی بجائے بطورِ قرض اموال حاصل کیے جائیں گے۔
ج۔ وہ اشخاص جوریاست کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جیسے ملازمین، حکام اور فوج، ان پر بیت المال سے خرچ کیا جائے گا۔ لیکن جب بیت المال کامال اس کے لیے کافی نہ ہو تو فی ٹیکس لگا کر ان کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا اور اگر ٹیکس لگانے کی صورت میں کسی قسم کے فساد کا خوف ہو تو اس مقصد کے لیے قرض لیے جائیں گے۔
د۔ بنیادی مصالح (مفادات )اور ضروریات جیسے راستوں ، مساجد، ہسپتالوں اور مدارس پر بیت المال سے خرچ کیا جائے گا۔ لیکن جب بیت المال میں اتنا مال نہ ہو تو ٹیکس وصول کر کے ان پر خرچ کیا جائے گا۔
ھ۔ اعلیٰ مفادات اور ضروریات پر بیت المال سے خرچ کیا جائے گا۔ جب بیت المال میں ان پر خرچ کرنے کے لیے مال موجود نہ ہو تو ان پر کچھ خرچ نہیں کیا جائے گا۔ بلکہ انہیں ملتوی کیا جائے گا۔
و۔ ہنگامی حالات مثلاً زلزلہ اور طوفان وغیرہ کی صورت میں بیت المال سے خرچ کیا جائے گا۔ بیت المال میں مال نہ ہونے کی صورت میں ان کے لیے فوراً قرض لیا جائے گا۔ پھر ٹیکس جمع کر کے اسے ادا کیا جائے گا۔
دفعہ نمبر ۱۴۹۔ ریاست اپنے ہر شہری کے لیے روز گار کی ضمانت دے گی۔
دفعہ نمبر۱۵۰۔ افراد اور کمپنیوں کے ملازمین تمام فرائض اور حقوق کے لحاظ سے ریاست کے ملازمین کی طرح ہیں۔ جو بھی اجرت پر کام کرتا ہے وہ ملازم ہے، خواہ عمل اور عامل (کام کرنے والے )کی نوعیت کچھ بھی ہو۔ چنانچہ جب اجیر (ملازم)اور مستاجر (کام کرنے والے )کے درمیان اجرت پر اختلاف ہو جائے تو اجرت مثل کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر اس (اجرت)کے علاوہ کسی اور چیز میں اختلاف ہو جائے تو اس کا فیصلہ احکامِ شرعیہ کے مطابق ’’عقد الاجارق(معاہدۂ روزگار)‘‘ کے تحت ہو گا۔
دفعہ نمبر۱۵۱۔ اجرت کا عمل کے فائدے یا عامل کے نفع کے لحاظ سے ہونا جائز ہے۔ اجیر کی معلومات یا اس کی علمی شہادت (اسناد)کے لحاظ سے اس کی اجرت مقرر نہیں ہو گی۔ ملازم کی تنخواہ میں کوئی سالانہ اضافہ نہیں ہو گا، بلکہ انہیں وہ پوری اجرت دی جائے گی، جس کے وہ مستحق ہیں، خواہ عمل کے فائدے کے لحاظ سے ہو یا عامل کے نفع کے اعتبار سے۔
دفعہ نمبر۱۵۲۔ جس شخص کے پاس ما ل یا عمل نہیں اور نہ کوئی ایسا شخص ہے جس پر اس کا نفقہ فرض ہے تو ریاست اسے نفقہ کی ضمانت دے گی۔ اس طرح عاجز و محتاج کو ٹھکانہ دینا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
دفعہ نمبر۱۵۳۔ ریاست ایسی تدابیر اختیار کرتی ہے کہ مال رعایا کے مابین گردش کرتا رہے اور صرف خاص طبقے کے درمیان ہی گردش میں نہ رہے۔
دفعہ نمبر۱۵۴۔ ریاست رعایا کے ہر فرد کواس قابل بنانے کی کوشش کرتی ہے کہ وہ اپنے لیے اعلیٰ معیارِ زندگی کی ضرورتوں کو پورا کر سکے۔ ریاست درجِ ذیل طریقے سے معاشرے میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے :
الف۔ بیت المال میں جو اموا ل ہوں، خواہ وہ منقولہ ہوں یا غیر منقولہ اور مالِ فے وغیرہ، ریاست ان میں سے رعایا کو دے گی۔
ب۔ جن لوگوں کے پاس اتنی زمین نہ ہو جس سے ان کا گزارہ ہو سکے تو ریاست انہیں آباد زمین میں سے زمین دے گی۔ ہاں ! جن لوگوں کے پاس زمین تو ہے لیکن وہ اس کو کاشت نہیں کرتے تو انہیں زمین نہیں دی جائے گی۔ جو لوگ زراعت نہیں کر سکتے انہیں مال دیا جائے گا۔
ج۔ ایسے قرض دار، جو اپنا قرض چکانے سے عاجز ہوں، ریاست زکوٰۃ کے ما ل اور مالِ فے وغیرہ سے ان کا قرضہ چکائے گی۔
دفعہ نمبر۱۵۵۔ ریاست زرعی امور اور زرعی پیداوار کی نگرانی اس زرعی پالیسی کی بنیاد پر کرے گی، جس سے اعلیٰ معیار کی پیداوار کے لیے زمین سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
دفعہ نمبر۱۵۶۔ ریاست صنعت سے متعلق تمام امور کی خود نگرانی کرتی ہے اور عام ملکیت میں داخل تمام مصنوعات کی دیکھ بھال بھی براہِ راست خود کرتی ہے۔
دفعہ نمبر۱۵۷۔ بیرونی تجارت تاجر کی شہرت کے لحاظ سے ہوتی ہے نہ کہ سازوسامان کو دیکھتے ہوئے۔ چنانچہ حربی تاجر کا ہمارے علاقوں میں تجارت کرنا ممنوع ہے ، الا یہ کہ کسی خاص تاجر یا خاص مال کی تجارت کی اجازت دی گئی ہو۔ جن تاجروں کے ساتھ ہمارے معاہدات ہوں گے تو ان کے ساتھ ہمارے اور ان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی روسے معاملہ کیا جائے گا۔ رعایا میں سے جو تاجر ہوں گے انہیں اس چیز کو باہر لے جانے سے روکا جائے گا، جس کیریاست کو ضرورت ہے یا جس سے دشمن کو فوجی، صنعتی یا اقتصادی قوت حاصل ہوتی ہو۔ ہاں ! جو ما ل ان کا ہے ، اس کو ریاست میں لانے سے نہیں روکا جائے گا۔ ان احکامات سے وہ ملک مستثنی ہو گا جس کے ساتھ ہماری عملاً جنگ ہو، جیساکہ اسرائیل، کیونکہ اس کے ساتھ تمام معاملات، چاہے وہ تجارتی ہوں یا کوئی اور، اس (اسرائیل)کو دارالحرب سمجھتے ہوئے طے کیے جائیں گے۔
دفعہ نمبر۱۵۸۔ رعایا کے تمام افراد کو زندگی کے مسئلے سے متعلق سائنسی لیبارٹریاں بنانے کا حق حاصل ہے اور خود ریاست کو بھی چاہیے کہ وہ اس قسم کی تجربہ گاہیں قائم کرے۔
دفعہ نمبر۱۵۹۔ افراد کو ایسی تجربہ گا ہوں کی ملکیت سے روکا جائے گا، جو ایسامواد پیدا کریں جس کا افراد کی ملکیت میں ہونا امت یا ریاست کے لیے ضر ررساں ہو۔
دفعہ نمبر۱۶۰۔ ریاست رعایا کے تمام افراد کو تمام طبی سہولتیں مفت مہیا کرے گی، لیکن وہ ڈاکٹروں کو پرائیویٹ پریکٹس کرنے اور ادویات فروخت کرنے سے نہیں روکے گی۔
دفعہ نمبر۱۶۱۔ استحصال اور غیر ملکی سرمایہ کاری ریاست میں ممنوع ہو گی، اس طرح کسی غیر ملکی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
دفعہ نمبر۱۶۲۔ ریاست اپنی ایک خاص نقدی (سکہ)جاری کرے گی اور اسے کسی اجنبی نقدی سے مربوط کرنا جائز نہیں ہو گا۔
دفعہ نمبر۱۶۳۔ ریاست کی نقدی سونا اور چاندی پر مشتمل ہو گی، خواہ اسے ڈھالا گیا ہویا نہ ڈھالا گیا ہو۔ سونا اور چاند ی کے علاوہ کسی اور چیز کو نقدی کی حیثیت حاصل نہیں ہو گی۔ ریاستکے لیے سونا اور چاندی کے بد ل کے طور پر کوئی اور چیز جاری کرنا بھی جائز ہو گا۔ بشرطیکہ جو چیز جاری کی جائے اس کے مساوی اتنی مالیت کا سونا یا چاندی ریاست کی ملکیت میں موجود ہو۔ پس ریاست کے لیے جائز ہے کہ وہ اس صورت میں یہ جاری کرے۔ پس ریاست پیتل، کانسی یا کاغذی نوٹ وغیرہ پر اپنے نام کا ٹھپہ لگا کر جاری کرے۔ بشرطیکہ اس کے پاس اتنی ہی مالیت کا سونا یا چاندی موجود ہو۔
دفعہ نمبر۱۶۴۔ برابری کے اصول پر جس طرح داخلی طور پر نقدی کا تبادلہ جائز ہے ، اسی طرح اس ریاست اور دوسری ریاستوں کی کرنسیوں کے مابین تبادلہ بھی جائز ہو گا۔ ہاں ! اگر ان دونوں کرنسیوں کی جنس الگ الگ ہو تو اس صورت میں ان کے مابین کمی بیشی بھی جائز ہو گی۔ لیکن شرط یہ ہے کہ یہ معاملہ دست بدست ہو، ادھار کی بنیاد پر ایسا کرنا جائز نہیں۔ جب دونوں کرنسی مختلف ہوں تو بغیر کسی قید (شرط )کے اس تبادلہ کے نرخ میں تبدیلی کی اجازت ہو گی۔ رعایا کا ہر فرد اندرونی یا بیرونی کرنسیوں کو خریدنا یا بیچنا چاہے تو ا سے اجازت ہو گی۔ اس کے لیے کسی کرنسی کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
تعلیمی پالیسی
دفعہ نمبر۱۶۵۔ منہجِ تعلیم کا اسلامی عقیدے کی بنیاد پر ہونا فرض ہے۔ چنانچہ تمام تدریسی مواد اور طریقہ ہائے تدریس کواس طرح وضع کیا جائے گا کہ تعلیم میں اس بنیاد(عقیدہ اسلامی)سے انحراف بالکل نہ ہو۔
دفعہ نمبر۱۶۶۔ تعلیمی پالیسی کا مقصد اسلامی عقلیہ اور اسلامی نفسیہ کی تعمیر ہے۔ لہٰذا وہ تمام تدریسی مواد، جس کی تدریس مقصود ہو، اسی بنیاد پر ہو گا۔
دفعہ نمبر۱۶۷۔ تعلیم کا مقصد اسلامی شخصیت پیدا کرنا اور زندگی کے مسائل سے متعلق علوم اور معارف سے لیس کرنا ہے۔ چنانچہ طریقۂ تعلیم کو اس طرح بنایا جائے گا کہ اس سے یہ مقصد حاصل ہو گا، اور ہر وہ طریقہ ممنوع ہو گا جواس مقصد سے ہٹاتا ہو۔
دفعہ نمبر۱۶۸۔ علومِ اسلامیہ اور علومِ عربیہ کے ہفتہ وار پیریڈ مقرر کرنا ضروری ہے۔ اس طرح وقت اور تعداد کے لحاظ سے دوسرے علوم کے لیے بھی پیریڈ مقرر کیے جائیں۔
دفعہ نمبر۱۶۹۔ تعلیم میں تجرباتی علوم، ان سے ملحق علوم اور ثقافتی معارف کے درمیان فرق کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔ چنانچہ تجرباتی اور اس سے ملحقہ علوم بقدرِ ضرورت پڑھائے جائیں۔ مراحلِ تعلیم میں کسی بھی مرحلے میں ان کی پابندی لازمی نہیں ہونی چاہیے۔ جہاں تک ثقافتی معارف کا تعلق ہے تو انہیں اعلیٰ تعلیم سے متعین تعلیمی پالیسی کے مطابق ابتدائی مراحل میں اس طرح حاصل کرنا چاہیے کہ یہ اسلامی افکار و احکامات سے متناقض نہ ہوں۔ اعلیٰ تعلیمی مرحلہ کو فقط سائنس کے طور پر پڑھا جائے گا۔ ا س میں بھی یہ شرط ہے کہ یہ تعلیمی پالیسی اور تعلیمی مقصد سے ہٹ کر بالکل نہ ہو۔
دفعہ نمبر۱۷۰۔ تعلیم کے ہر مرحلہ میں اسلامی ثقافت کی تعلیم لازمی ہے۔ اعلیٰ مرحلہ میں مختلف اسلامی معارف کی فروعات مخصوص کی جائیں۔ جیساکہ طب، انجینیئر نگ، طبیعات وغیرہ میں مخصوص کی جاتی ہیں۔
دفعہ نمبر۱۷۱۔ فنون اور صنعت ایک پہلو سے سائنس کے ساتھ شامل ہوں گے جیساکہ تجارتی فنون، جہاز رانی، زراعت۔ اس پہلوسے انہیں بغیر کسی قید و شرط کے حاصل کیا جائے گا۔ کبھی فنون و صنعت ہماری ثقافت میں شامل ہوں گے۔ یہ اس صورت میں کہ جب یہ کسی خاص نقطۂ نظرسے متأثر ہوں، جیساکہ تصویر، سنگ تراشی وغیرہ۔ چنانچہ اگر یہ اسلامی نقطۂ نظر کے مخالف ہوں تو انہیں حاصل نہیں کیا جائے گا۔
دفعہ نمبر۱۷۲۔ منہجِ تعلیم ایک ہی ہو گا اور ریاست کے منہجِ تعلیم کے علاوہ کسی دوسرے منہج کی اجازت نہیں ہو گی۔ ذاتی مدارس کی اس وقت تک اجازت ہو گی جب تک کہ وہ ریاست کے تعلیمی منہج، اس کی تعلیمی پالیسی اور اس کے مقصد کی بنیاد پر قائم ہوں گے۔ یہ بھی شر ط ہو گی کہ ان میں مخلوط تعلیم (لڑکوں اور لڑکیوں کا ایک ساتھ پڑھنا )کی ممانعت ہو گی۔ اختلاط، معلمین اور طلباء، دونوں کے درمیان ممنوع ہو گا۔ مزید برآں یہ شرط بھی ہو گی کہ تعلیم کسی خاص گروہ، دین یا مذہب یا رنگ ونسل کے ساتھ مخصوص نہ ہو۔
دفعہ نمبر۱۷۳۔ وہ تعلیم جو زندگی کے میدان میں ہر انسان، چاہے وہ مرد ہو یا عورت، کے لیے ضروری ہے، فرض ہو گی۔ چنانچہ پہلے دو مرحلوں میں تعلیم لازمی ہو گی اور یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ مفت تعلیم کا بندوبست کرے۔ اعلیٰ تعلیم کو بھی ممکن حد تک مفت دینے کی کوشش کی جائے گی۔
دفعہ نمبر۱۷۴۔ ریاست مدارس اور جامعات کے علاوہ بھی لائبریریاں ، تجربہ گاہیں اور معارف کے تمام وسائل مہیا کرے گی، تاکہ وہ لوگ، جو مختلف مباحث اور معارف، مثلاً فقہ، اصولِ فقہ، حدیث وتفسیر، طب، انجینیرنگ، کیمیا وغیرہ میں، اسی طرح ایجادات اور دریافتوں میں اپنی بحث و تحقیق کو جاری رکھنا چاہیں تو جاری رکھیں۔ یوں امت کے پاس مجتہدین، موجدین اور اہل ندرت کی ایک کثیر تعداد موجود ہو۔
دفعہ نمبر۱۷۵۔ تعلیم کے تمام مراحل میں تالیف سے فائدہ اٹھانا ممنوع ہو گا، خواہ وہ مصنف میں سے ہو یا نہ ہو۔ جب کوئی مؤلف یا غیر مؤلف اپنی کتاب کو طبع کرے گا اور اس کو شائع کرے گا اور اسے ضبع و نشر کا حق حاصل نہیں ہو گا۔ ہاں !جب کبھی انسان کے پاس ایسے افکار ہوں، جن کی ابھی تک نشر و طباعت نہیں ہوئی تو اس کے لیے یہ افکار لوگوں کو دے کر اس کی اجرت لینا جائز ہے، جس طرح کہ کسی شخص کو تعلیم دے کر اجرت لینا جائز ہے۔
خارجی سیاست
دفعہ نمبر۱۷۶۔ سیاست امت کے اندرونی اور بیرونی معاملات کی نگرانی کو کہتے ہیں۔ سیاست امت اور ریاست دونوں کی جانب سے ہوتی ہے۔ ریاست براہِ راست معاملات کی نگرانی کرتی ہے اور امت اس (کام)پر اس کا محاسبہ کرتی ہے۔
دفعہ نمبر۱۷۷۔ کسی فرد، حزب، کتلۃ(گروہ )یا جماعت کے لیے یہ جائز نہیں کہ اس کے کسی اجنبی ملک کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات ہوں۔ دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات صرف ریاست کا کام ہے۔ کیونکہ صرف ریاست کو امت کے امور کی سرپرستی کا حق حاصل ہے۔ امت اور جماعتیں ان خارجی تعلقات کے بارے میں ریاست کا محاسبہ کر سکتی ہیں۔
دفعہ نمبر۱۷۸۔ مقصد ذریعے (وسیلے )کو نیک (جائز )نہیں بناتا(اَلْغَایَۃ لَا شْبَرِرْ الْوَاسِطَۃَ)کیونکہ طریقہ فکر کی جنس سے ہے۔ چنانچہ فرض یا مباح تک پہنچنے کے لیے حرام کو ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا۔ پس وسیلے کی پالیسی طریقے کی پالیسی سے کبھی بھی متناقض نہیں ہونی چاہیے۔
دفعہ نمبر۱۷۹۔ سیاسی چال چلنا خارجی سیاست میں ایک ضروری امر ہے ، اس کی قوت کا راز اس امر میں پوشیدہ ہے کہ اعمال (کاموں )کا اعلان کیا جائے اور اہداف (مقاصد)کو چھپایا جائے۔
دفعہ نمبر۱۸۰۔ سیاست کے اہم اسالیب یہ ہیں :
ریاستوں کے جرائم کو بے نقاب کرنے کی جرأت۔ جھوٹی پالیسیوں کے خطرات کو بیان کرنا۔ خبیث سازشوں کو بے نقاب کرنا اور گمراہ کن شخصیتوں کی حوصلہ شکنی کرنا۔
دفعہ نمبر۱۸۱۔ یہ بھی ریاست کے عظیم ترین اسالیب میں سے ہے کہ افراد، امتوں اور ریاستوں کے معاملات کی نگہداشت کے دوران اسلامی افکار کی عظمت کو ظاہر کیا جائے۔
دفعہ نمبر۱۸۲۔ امت کا سیاسی قضیہ (موت و حیات کا مسئلہ)یہ ہے کہ اسلام اس (امت کی)ریاست کی قوت ہے۔ اس طرح اسلامی احکامات کا بہترین طریقے سے نفاذ اور دنیا کے سامنے اسلامی دعوت کو پیہم طریقے سے پہنچانا ہے۔
دفعہ نمبر۱۸۳۔ اسلامی دعوت کو پیش کرنا ہی خارجی سیاست کے لیے محور و مدار کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی بنیاد پر اسلامی ریاست کے تمام دوسری ریاستوں سے تعلقات قائم ہوں گے۔
دفعہ نمبر۱۸۴۔ اسلامی ریاست کے دوسری ریاستوں کے ساتھ تعلقات ان چار پہلوؤں پر مشتمل ہوں گے :
اول۔ عالمِِ اسلام میں قائم تمام مملکتیں گویا ایک علاقے (ملک)میں قائم ہیں۔ یہ خارجی تعلقات کے ضمن میں داخل نہیں ہوں گی اور ان کے ساتھ تعلقات کو خارجہ سیاست نہیں سمجھا جائے گا، بلکہ ان سب کو ایک ریاست کی صورت میں اکٹھا کرنے کے لیے کام کرنا فرض ہے۔
دوم۔ جب ریاستوں کے ساتھ ہمارے اقتصادی، تجارتی، اچھی ہمسائے گی یا ثقافتی معاہدات ہیں تو ان کے ساتھ معاملات کو معاہدات کے مطابق نپٹایا جائے گا۔ اگر معاہدہ اجازت دیتا ہو تو اس ریاست کی رعایا شناخت کے ساتھ، بغیر پاسپورٹ کے اسلامی ریاست میں داخل ہو سکیں گے۔ لیکن شرط یہ ہو گی کہ وہ بھی ہمارے ساتھ یہ معاملہ کریں گے۔ اس کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات محدود مدت اور مخصوص اشیاء کی بنیاد پر ہوں، گے اور یہ کہ ان اشیاء کی اسلامی ریاست کو ضرورت ہو، لیکن یہ اُس ریاست کو مضبوط بنانے کاسبب نہ بنتا ہو۔
سوم۔ وہ ممالک، جن کے اور ہمارے درمیان کسی قسم کے معاہدات نہیں۔ اسی طرح استعماری ممالک، مثلاً برطانیہ، امریکہ، فرانس اور وہ ممالک، جو مسلمانوں کے ملکوں کو ہڑپ کرنے کے درپے ہیں ، جیساکہ روس، تو ان کے ساتھ حالتِ جنگ کا معاملہ کیا جائے گا۔ ان کے بارے میں مکمل احتیاط برتی جائے گی۔ ان کے ساتھ کسی قسم کے سفارتی تعلقات نہیں ہوں گے۔ ان ممالک کے عوام ہماری ریاست میں پاسپورٹ، اور ہر فرد کے لیے اور ہر سفر کے لیے مخصوص ویزے کے ساتھ داخل ہو سکیں گے۔
چہارم۔ جو ممالک ہمارے ساتھ عملاً حالتِ جنگ میں ہیں جیساکہ اسرائیل تو اس کے ساتھ تمام معاملات کو حالتِ جنگ کی بنیاد پر نپٹایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہمارا معاملہ عملی جنگ کا ہو گا، خواہ اس کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہو چکا ہو، اور اس کے شہری ہمارے ملک میں داخل نہیں ہو سکتے۔
دفعہ نمبر۱۸۵۔ فوجی معاہدات اور اس جیسے دوسرے معاہدات، مثلاً سیاسی معاہدات، اڈے اور ائر پورٹ وغیرہ کرایہ پر دینے کے معاہدات، سب ممنوع ہوں گے۔ ہاں ! اچھی ہمسائے گی ، اقتصادی، تجارتی، مالیاتی، ثقافتی یا عارضی جنگ بندی کے معاہدات کر سکتے ہیں۔
دفعہ نمبر۱۸۶۔ ریاست کے لیے ان تمام تنظیموں میں شرکت جائز نہیں ہو گی، جن کی بنیاد اسلامی نہیں یا اسلامی احکامات کو چھوڑ کر غیر اسلامی احکامات کی تطبیق کی بنیاد پر قائم ہیں۔ جیسا کہ بین الاقوامی تنظیم ’’اقوامِ متحدہ‘‘ ’’عالمی عدالتِ انصاف‘‘ ’’عالمی مالیاتی فنڈ‘‘ ’’عالمی بنک‘‘اس طرح علاقائی تنظیمیں جیساکہ عرب لیگ وغیرہ۔
٭٭٭ کتاب "ریاستِ اسلامی‘ کا ایک حصہ تشکر: اردو ہوم ڈاٹ کام
ان پیج سے تبدیلی ، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
ریاست اسلامی کا مجوزہ دستور
نامعلوم
عمومی احکامات
دفعہ نمبر ۱۔ اسلامی عقیدہ ہی ریاست کی بنیاد ہے ، وہ اس طرح کہ ریاست کی ساخت، اس کے ڈھانچے ، اس کے محاسبہ یا کوئی بھی چیز، جو ریاست سے متعلق ہو، وہ اسلامی عقیدے ہی کی بنیاد پر ہو گی۔ دستور اور قوانینِ شرعیہ کی بنیاد بھی یہی عقیدہ ہے۔ دستور اور قوانین سے متعلق صرف اس چیز کو قبول کیا جائے گا، جواسلامی عقیدے سے ہو۔
دفعہ نمبر ۲۔ دار الاسلام وہ ملک ہے جہاں اسلامی احکامات نافذ ہوں اور اس کی امان اسلام کی امان کی وجہ سے ہو۔ دار الکفر وہ ہے جہاں کفریہ نظام نافذ ہو یا اس کی امان اسلام کے بغیر ہو۔
دفعہ نمبر۳۔ خلیفہ متعین شرعی احکامات کی تبنی کرے گا جن کو دستور اور قوانین بنایا جائے گا۔ خلیفہ جب کسی حکمِ شرعی کی تبنی کرے تو صرف یہی حکم حکمِ شرعی ہو گا اور اس پر عمل کرنا فرض ہو گا۔ یہ اسی وقت نافذ العمل قانون ہو گا جس پر عمل درآمد رعایا میں سے ہر فرد پر ظاہراً و باطناً فرض ہو گا۔
دفعہ نمبر۴۔ خلیفہ عبادات میں سے سوائے زکوٰۃ و جہاد کے کسی متعین حکمِ شرعی کی تبنی نہیں کرے گا۔ نہ وہ عقیدۂ اسلامیہ سے متعلقہ افکار میں سے کسی فکر کی تبنی کرے گا۔
دفعہ نمبر۵۔ وہ تمام افراد، جو اسلامی ریاست کی شہریت کے حامل ہوں ، انہیں حقوق ملیں گے اور انہیں اپنے شرعی فرائض پورے کرنے ہوں گے۔
دفعہ نمبر۶۔ ریاست کے لیے بالکل جائز نہیں کہ وہ اپنے شہریوں کے مابین حکمرانی، قضاء (فیصلوں )اور معاملات کی نگرانی اور دوسرے مسائل میں کسی قسم کا امتیازی سلوک کرے۔ بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تمام افراد کو رنگ، نسل اور دین کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک ہی نظر سے دیکھے۔
دفعہ نمبر۷۔ ریاست ان تمام افراد پر، جو اسلامی ریاست کے شہری ہوں ، چاہے وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم، حسبِ ذیل طریقے سے اسلامی شریعت نافذ کرے گی :
الف۔ مسلمانوں پر بغیر کسی استثناء کے تمام اسلامی احکامات نافذ کرے گی۔
ب۔ غیر مسلم جیسا اعتقاد رکھیں اور جس طرح چاہیں ، عبادت کریں، ان سے بازپرس نہیں کی جائے گی۔
ج۔ مرتدوں پر مرتدین کے اسلامی احکامات لاگو کرے گی، بشرطیکہ وہ خود مرتد ہوئے ہوں۔ لیکن اگر وہ مرتدین کی اولاد ہوں اور پیدائشی غیر مسلم ہوں تو ان کے ساتھ غیر مسلمانوں کاسا معاملہ کیا جائے گا۔ یعنی صورت حال کو دیکھ کر، کہ وہ مشرک ہیں یا اہل کتاب۔
د۔ غیر مسلموں کے ساتھ کھانے پینے اور لباس کے معاملات میں احکامِ شرعیہ کی حدود میں رہتے ہوئے ان کے دین کے مطابق معاملہ کیا جائے گا۔
ھ۔ غیر مسلموں کے درمیان شادی و طلاق کے معاملات ان کے ادیان کے مطابق نمٹائے جائیں گے اور مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلموں کے یہ معاملات اسلامی احکامات کے مطابق سنوارے جائیں گے۔
و۔ باقی تمام احکامِ شرعیہ اور سب امورِ شرع، مثلاً معاملات، عقوبات، بینات(گوا ہوں )، نظامِ حکومت اور اقتصادیات وغیرہ کو تمام رعایا پر، خواہ وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم، ریاست برا بری کی بنیاد پر نافذ کرے گی۔ اسی طرح معاہدین (اہلِ معاہدہ )مستامنین (امن میں آنے والے )اور ہر اس شخص پر، جو اسلامی ریاست کے زیر سایہ رہتا ہے ، ریاست ان احکامات کو نافذ کرے گی۔ البتہ سفراء اور ایلچیوں کے ساتھ ان کے ممالک کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے مطابق معاملہ کیا جائے گا۔
دفعہ نمبر۸۔ عربی زبان ہی چونکہ اسلام کی زبان ہے ، اس لیے ریاست صرف عربی زبان استعمال کرے گی۔
دفعہ نمبر۹۔ اجتہاد فرضِ کفایہ ہے ، ہر مسلمان کو اجتہاد کا حق حاصل ہے ، بشرطیکہ اس میں اجتہاد کی شرائط پائی جاتی ہوں۔
دفعہ نمبر۱۰۔ اسلام کے بارے میں تمام مسلمان جوابدہ ہیں ، اس لیے اسلام میں رجالِ دین نہیں ہوتے۔ چنانچہ ریاست کا فرض ہے کہ جب وہ مسلمانوں کے اندر اس قسم کے رجحانات محسوس کرے تو انہیں روک دے۔
دفعہ نمبر۱۱۔ ریاست کا اصل کام اسلامی دعوت کا علمبردار بننا ہے۔
دفعہ نمبر۱۲۔ کتاب اللہ، سنت رسول اللہؐ ، اجماعِ صحابہ ؓ اور قیاس ہی احکامِ شرعیہ کے لیے معتبر ادلۃ ہیں۔
دفعہ نمبر۱۳۔ اصل بری الذمہ ہونا ہے ، عدالتی حکم کے بغیر کسی (شخص )کو سزانہیں دی جائے گی۔ کسی کو عذاب دینا بالکل جائز نہیں اور جو اس کا مرتکب ہو گا، اسے سزادی جائے گی۔
دفعہ نمبر۱۴۔ بنیادی چیز احکامِ شرعیہ پر عمل کرنا ہے ، لہٰذا شرعی حکم معلوم کیے بغیر کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح اشیاء میں اصل اباحت (جواز)ہے ، یہاں تک کہ حرام ہونے کی کوئی دلیل موجود نہ ہو۔
دفعہ نمبر۱۵۔ حرام کا وسیلہ (ذریعہ )بھی حرام ہو گا جب غالب گمان ہو کہ وہ حرام تک پہنچائے گا۔ اگر حرام تک پہنچانے کا صرف ڈر ہو تو وہ حرام نہیں ہو گا۔
٭٭٭٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)