متفرقات و علوم

شریکِ غم سمندر ہے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (7,784 الفاظ)

شریکِ غم سمندر ہے

صدف مرزا

جمع و ترتیب : اعجاز عبید

شریکِ غم سمندر ہے

میں جب شاموں کی خاموشی سے خائف ہو کر آتی ہوں
سمندر تنہا ملتا ہے
بدن اپنے پہ سارا دن
وہ شمسی چوٹیں سہہ سہہ کر
تھکا تھکا سا لگتا ہے
وہ مجھ سے باتیں کرتا ہے

وہ میری سر پھری باتوں کا اک اک حرف سنتا ہے
مری تنہائیاں اس کو بھی شاید کچھ بتاتی ہیں
جبھی تو شام کی خاموشیوں میں وہ مدھر لہریں
دلاسے مجھ کو دیتی ہیں
سماعت میری بند آنکھوں سے ان کی باتیں سنتی ہے
میرے اندر کا سناٹا بھی محفل میں بدلتا ہے
یہ ڈھلتا درد کا سورج مرے سینے سے
دیتا ہے صدا شاید
جبھی تو میری آنکھوں میں اترتی ہے
افق اُس کے کی سب سُرخی
مرے دل پر غموں کے ان گنت نقشِ قدم اس کو
نجانے کیا کیا کہتے ہیں
جبھی تو ریگِ ساحل میرے قدموں سے لپٹتی ہے
تخیل کی یہ چوٹ اس سے یقیناً کچھ تو کہتی ہے
کہ ساحل کی ہوا میرے گلے سے آ کے لگتی ہے
مری بے خوابیاں ، بے تابیاں شاید
گلے شکوے بھی کرتی ہیں
جبھی تو اس سینے پہ بکھرتی سیپیاں مجھ کو
بڑی ہی مہرباں ، محتاط سی فہمائش بھی کرتی ہیں
مرے درماندہ پا اس کو کوئی قصہ سناتے ہیں
جبھی تو موجیں آ آ کر، یہ پاؤں چومے جاتی ہیں
صدف کا اور سمندر کا، ہے بندھن درد کا ازلی
ہمیشہ درد کے رشتوں کی شدّت گہری ہوتی ہے
مرا یہ ہمدمِ دیرینہ خاموشی سے پھر مجھ کو
چھپا کر اشک سینے میں ،
انہیں گوہر بنانے کے قرینے بھی بتاتا ہے
مجھے آداب پھر یہ ٹوٹنے کے بھی سکھاتا ہے
سمندر صفت رہنے کے سلیقے سب پڑھاتا ہے
میں اس کی بولتی خاموشیوں سے حیراں ہوتی ہوں
ہمہ تن گوش یہ وسعت ، تحیر ہی تحیر ہے
سمندر!!! تُو نہ ہوتا تو،
مرے دکھ کون سنتا پھر؟؟؟؟؟؟
٭٭٭

استعارے

وہ رکا تو نہیں ، مگر اس نے
میری آنکھوں پہ انگلیاں رکھ دیں
میرے ہاتھوں پہ آج ظالم نے
انتظار اور دعا کی بن مانگے
کیسی خوش رنگ یہ تتلیاں رکھ دیں
اپنی چاہت عیاں نہ کی لیکن
صبح دم پھر میرے دریچے میں
بند گلابوں کی کلیاں رکھ دیں
نام لاتا نہیں ہے ہونٹوں پر
لیکن کمرے میں جا بجا اس نے
بھر کے نازک سے آبگینوں میں
رنگ برنگی یہ سیپیاں رکھ دیں

انتساب

بحرِ شعر و سُخن کے ساحل پر
میں نے جو سیپ بھی چُنے اب تک
چشم ادراک و فہم و حیرت سے
میں نے جو خواب بھی بُنے اب تک
داد و تحسین کے، ستائش کے
میں نے جو حرف بھی سُنے اب تک
بے نوا اس قلم کی جُنبِش سے
میں نے جو شعر بھی کہے اب تک
حرفِ اول سے لے کے آخر تک
سر بہ سر سب کے سب
ابرِ رحمت کی مانند، سر پہ تَنے
منبعِ شفقت و مِہر و مان و محبت کے نام
جس کی تائید و نصرت اگر سایہ بن کر
پائے شکستہ کے ہمراہ نہ ہوتی
تو دل میں شرر، اور تصور میں جُگنو
مشعل اپنے ہاتھوں میں لے کر بھی رہتی،
وہیں چاہِ جبر و جہالت میں تا زیست یُونہی مقیّد
سو! یہ شعر گوئی کا نا چیز سا فن
سو! بے مایہ سارا یہ علم و سخن
مری تعظیم و تحریم و تکریم و توقیر کے اوّلیں مستحق۔۔۔
میرے بابل کے نام
٭٭٭

عورت تو کھلونا ہے

بس ایک ہی رونا ہے
عورت تو کھلونا ہے
طعنے سب اس کے نام
ہر جرم اسی کا ہے
ہر ستم اسی پر ہے
عصمت تو ہے اک شیشہ
بس حرف کے پتھر سے
اڑ جاتے ہیں سب ریزے
مریم بھی یہ بن جائے
یا عائشہ کہلائے
بہتان ہی دھونا ہے
عورت تو کھلونا ہے
ہر رنگ ہے مات اس کی
ہر روپ ہی بے بس ہے
رشتے ہیں کہ ناطے ہیں
پاؤں کے انگارے ہیں
سب گھاٹے کے سودے ہیں
قسمت کے خسارے کی
ہر فصل یہ کاٹے گی
سب بو لو ، جو بونا ہے
عورت تو کھلونا ہے
رسموں کی چنگاری یا
شعلے ہوں روایت کے
ہر آگ میں جل جانا
عزت کے الاؤ ہوں
یا شرارے نجابت ہو
ایندھن وہ کوئی بھی ہو
خاک اس کو ہی ہونا ہے
عورت تو کھلونا ہے
پارس بھی یہ بن جائے
یا ترشا ہوا ہیرا
ہر فیصلے کے منصف
یہ مرد بتاتے ہیں
مٹی ہے کہ سونا ہے
عورت تو کھلونا ہے
صحرا میں دبا دو یا
دیوار میں چنوا دو
نہ لائے جہیز تو پھر
زندہ ہی جلا دو یا
زندہ اسے رکھ کر
مرنے کی سزا دے دو
آقائے مجازی ہو
جو بوجھ بھی لادو گے
وہ بار ہی ڈھونا ہے
عورت تو کھلونا ہے
سنتے ہیں کہ آدم کی
تکمیل اسی سے تھی
کہتے ہیں کہ پسلی سے
تخلیق اسی کی تھی
یہ سر سے نہیں آئی
کہ تاج ہی بن بیٹھے
پیروں سے نہیں اٹھی
کہ جوتا ہی بنا لو تم
پسلی میں چھپے دل کی
متلاشی یہ رہتی ہے
قلقاری ہو، آنگن ہو
راضی برضا ہے یہ
سود و زیاں کہ ہر
احساس سے عاری ہے
کیا پایا
کیا کھونا ہے
عورت تو کھلونا ہے
آدم کے گناہ پتھر
تہہ آب جو رہتے ہیں
سب جرم ہیں حوا کے
پھولوں کی طرح ہلکے
سطح آب پہ تیریں گے
کچھ فرق نہیں پڑتا
کہ بوجھ یہ عصیاں کا
لغزش کے سبب ہے
یا جبر و زیادتی ہے
انصاف ملے گا کب؟
فریاد کا فائدہ کیا
دنیا یہ جانتی ہے
انجام جو ہونا ہے
عورت تو کھلونا ہے
دہلیز یہ صدیوں کی
کب اس نے پھلانگی ہے
ہے آج بھی غاروں میں
اس کا جو فسانہ ہے
آج بھی سوچو تو
یہ صرف ’’ جسم‘‘ ہے جو
بکتا ہے،بکھرتا ہے
مفتوح شہر ہے جو
ہر بار اجڑتا ہے
یہ عارضی خیمہ ہے
ہر صبح اکھڑتا ہے
نقش ہے فانی سا
بنتا ہے ،بگڑتا ہے
دیکھو صدف ہم کو
صدیوں کے فسانے کو
لمحوں میں سمونا ہے
بس کہتے ہیں ہم اتنا
عورت تو کھلونا ہے
٭٭٭

حاضری

مجھے بھی جاناں حضور تیرے ہے حاضری کا جنون یوں بھی
سبب بھی اس کے ہزارہا ہیں
کبھی جو کرب و ابتلا کی طویل راتوں کا دشتِ ظلمت
پائے شکستہ کے حوصلوں کی ہنسی اڑائے
کبھی جو یا س و غم و الم کا بسیط سا ، یہ اک بحرِ حسرت
مرے سفینہ
¿ آرزو کی غرقابیوں کا ساماں ہو جائے
کبھی ملال و حزن کا سورج سوا نیزے پہ بھی آن ٹھہرے
ارادوں ، خوابوں کا تن جلائے
کبھی مقدر کا آسماں یہ، شجرِ سعیِ پیہم پہ یکدم
تیرے ارادوں اور فیصلوں کی
جاں سوزاک بر ق، ہر پل گرائے
میرے یقیں کے اداس آنگن میں ماہِ تاباں کبھی نہ اترے
تائید و نصرت کا کوئی تارہ نہ جگمگائے
غموں کے پیہم محاصرے میں حضور تیرے اس حاضری کا
جنون مجھ کو بھی زندہ رکھے
نہ ایک پل بھی یہ میرے دل سے گمان گزرے
کہ رات کے اس پہر جو آؤں
پشیمان و گریاں ، میں لرزاں ترساں
جب تیرے در پر
تو ایسا نہ ہو کہ تُو خفا ہو
تُو بادشاہوں کا بادشاہ جو
دائم ہے زندہ، تا ابد قائم
نہ اونگھ تجھ کو نہ نیند آئے
ہے تُو وہ حاکم، خود آخر شب جو آ پکارے
’’ہے کوئی طالب، ہے کوئی نادم؟
ہے کوئی تائب، ہے کوئی سائل؟
ہے کوئی، مجھ سے جو مجھ ہی کو مانگے؟
ہے کوئی ، چل کے قدم ایک آئے؟
تو میں آؤں دامانِ رحمت پسارے
بارانِ لطف و عطا اس پہ کر دوں
ردائے جُود و سخاوت میں لے لوں !
ساعتِ بے اماں میں ، پناہ اس کو دے دوں ‘‘
رحیم جاناں ، کریم جاناں
مری چشمِ ترکو بھی اتنی خبر ہے
خبیر ہے تُو، بصیر ہے تُو
مری لب کشائی سے پہلے ہی تجھ کو
سبھی ان دکھوں سے مری آگہی ہے
حصارِ دھڑکن سے کر کے بغاوت
جو احساس کی سرحدوں تک نہ آئے
مرے ان غموں کی بھی تجھ کو خبر ہے
جو دل نے مرے آنکھ کو بھی مری آج تک نہ بتائے
وہ اشک بھی تُو نے گن لئے ہیں
صد آفریں ! جو مرے ضبط نے آج تک نہ بہائے
مرا دامنِ صبر، داغ شکایت سے آلودہ بھی آج تک نہ ہوا
اک سائبانِ شکر و عنایت میں
شکوے گلے دل نے سارے دبائے
تماش بیں ، تیری فنکار دنیا سے
رِستے سبھی زخم دل نے چھپائے
علیم بذاتِ ا لصُّدُور جاناں
حضور تیرے جب میں جھکوں تو
ہر مُوئے تن سے صدا یہ آئے
غفور جاناں ، صبور جاناں
تُو نسبتوں کا غرور جاناں
نہیں ہی دل سی تُو دور جاناں
بلا لے اپنے حضور جاناں
دے حاضری کا سرور جاناں
٭٭٭

تنہائی

یہ وہ اک آتشِ نادیدہ ہے جس کے شعلے
جسم سے بڑھ کے کہیں روح جلا دیتے ہیں
ذہن کی دھرتی کا بھونچال کہ جس کے جھٹکے
دل کی دھڑکن کا بم و تال ہلا دیتے ہیں
صرف وہ جانتا ہے جس کے بدن نے سینکی
بزم کے بیچ بھی یخ بستہ سی تنہائی کبھی
وہی کر سکتا ہے محسوس کہ جس نے ناپی
دل کی لہروں میں چھپی درد کی گہرائی کبھی
کرب دیکھا ہے کبھی ایسی ملاقاتوں کا
جب سرِ راہ کبھی نظر ملے ، ہاتھ ملے
بات کر کے بھی رہیں حرف ہمارے گونگے
چل کے ہمراہ رفاقت نہ کبھی ساتھ ملے
ایسے چہروں کے سمندر میں رہے دل تنہا
جیسے تاروں کی بھری بستی میں مہتاب کوئی
جیسے چپ چاپ سا مینارہ کوئی لہروں میں
سنگ و خارا میں رُلے گوہرِ کمیاب کوئی
ایسی تنہائیوں میں رہ رہ کے خیال آتا ہے
مضطرب دل ہے یہ کیوں انجمن آرائی میں
ہونٹوں پہ ایک تبسم ہے دکھاوے کا مگر
درد کی لہر سی اک اٹھتی ہے گہرائی میں
ہم نے تنہائی کے ہونٹوں پہ قفل ڈالے ہیں
یہ صدا دیتی نہیں مونس و غم خوار کو اب
ہم نے شکوے کے بھی قدموں کو ہے زنجیر کیا
سہہ نہ پائیں گے مایوسی کے اس آزار کو اب
آؤ ! اقرار کریں ، ذہنوں کے سناٹے پر
گونجتی پھرتی ہے تنہائی صداؤں کی طرح
آؤ تنہائی کی بانہوں میں سمٹ کر بکھریں
سر پٹختی، کسی گنبد میں ہواؤں کی طرح
آؤ تسلیم کریں تنہا ہی آیا ہے بشر
آؤ ! اب مان ہی لیں تنہا ہی جاتا ہے سدا
خود کو یوں دھوکے میں رکھ کر ہے بھلا کیا حاصل
خلوت و بزم میں تنہائی کا پہرہ ہے سدا
٭٭٭

دعا

تعجب تو مجھے بھی ہے
دعائیں کیا صرف سختی کے موسم میں ہی ہوتی ہیں ؟
جبینیں کیا صرف سنگِ درِ کعبہ پہ جھکتی ہیں
تو شرفِ باریابی کی سند پا کر ہی اٹھتی ہیں ؟
کیا اُس سے بات کرنے کو قیام الیل
کی شرطوں کے دریا سے گزرنا ہے؟
صدا دینے سے پہلے چھلنی میں کیا پانی بھرنا ہے؟
یہ شیخ و واعظ و ورثائے دیں کی حد بندیوں سے
کہیں بالا، کہیں برتر، فو ق و ماور ا جذبہ
مُقدّس دل کی تنہائی میں وہ اکثر اترتا ہے
مُطہّر روح کے ایوانوں میں اکثر ٹھہرتا ہے
وہ نیت کے ارادے کے عزائم کو سمجھتا ہے
لبوں سے جو ادا نہ ہو، وہ سرگوشی بھی سُنتا ہے
مقدّر کو نہ بدلے تو مقاصد کو بدلتا ہے
وہ شہ رگ سے کہیں آگے حریمِ جاں میں رہتا ہے
پُکارو سوز مندی سے تو وہ ہر ہر حرف سنتا ہے
جواب اس کا بھی دیتا ہے
وہ سر جھکنے سے پہلے ہی، وہ ہاتھ اٹھنے سے پہلے ہی
وہ لب ہلنے سے پہلے ہی کلی ” کُن “ کی کھلاتا ہے
زخموں پہ رکھتا ہے مرہم، وہ سارے گھاؤ بھرتا ہے
وہ دھڑکن کی زباں پر بے زبانی کے اسم سارے
اک اک کر کے سنتا ہے، سمجھتا ہے، پرکھتا ہے
ندامت کے ، خجالت کے وہ بے آواز قطروں سے کئی گوہر بناتا ہے
یہ وہ در ہے جہان پہ جا کے کھوٹا سکہ چلتا ہے
ایماں میرا یہیں پہ آ کے اپنا رنگ بدلتا ہے
نہ دل سے بات جو نکلے، دعا وہ ہو نہیں سکتی
وہ پیشہ ور بھکاری کی
احتیاج سے بوجھل، احترام سے خالی،
صرف صدائے صحرا ہے
٭٭٭

کہا اُس نے

کہا اس نے کہ اتنی سرخی کیوں ہے تیری آنکھوں میں ؟
کہا، ر اتوں کو تڑپاتی ہوئی یادوں سے پوچھو تم
کہا ، اس نے جمی ہیں پپڑیاں سی کیسی ہونٹوں پر؟
کہا ، کہ فرقتوں کی چلچلاتی حدتوں سے پوچھو تم
کہا ، اس نے کہ کیوں الجھاؤ ہیں تمہاری زلفوں میں ؟
کہا، کہ عشق کے پُر پیچ ان رستوں سے پوچھو تم
کہا ، اس نے کہ ہے شبنم سی کیسی تیری پلکوں پہ ؟
کہا ، ہجراں کی ان برستی بارشوں سے پوچھو تم
کہا ، اس نے کہ یہ کیسی لکیریں تیرے گالوں پر؟
کہا ، شب بھر برستے میرے ان اشکوں سے پوچھو تم
کہا ، اس نے یہ کیسی کپکپی طاری ہے ہاتھوں پر
کہا ، قلم کو تھامتی انگلیوں سے پوچھو تم
کہا ، اس نے کہ یہ کیسی نمی ہے تیرے قہقہوں میں ؟
کہا ، بے بس بھرم ماری محبتوں سے پوچھو تم
کہا اس نے کہ کیوں اتنی اداسی ساری نظموں میں
کہا، تڑپاتی زیست کے بے کس لمحوں سے پوچھو تم
کہا اس نے، صدف جی ! کیسی یہ لغزش ہے قدموں میں ؟
کہا پردیس میں کھوئی ہوئی راہوں سے پوچھو تم
٭٭٭

ایہہ پُتر ہٹاں تے نئیں وِکدے

گلہ گزار ہو زباں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
عبادتوں کا ہو زیاں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
جلے کسی کا آشیاں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
جدا ہو کوئی راز داں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
نہ راستوں کے موڑ پر جلائیں بجلیاں کبھی
ہری بھری یہ کشتِ جاں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
نہ خاک و خون میں ملیں رواں دواں جوانیاں
کسی پہ ٹوٹے آسماں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
کسی ضعیف کندھے پر اُٹھے جنازہ بیٹے کا
لُٹے کسی کا کارواں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
وہ لوریوں کو بھول کر،یا خواب سب سمیٹ کر
کفن سئےے کسی کی ماں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
خود اپنے ہی سہاگ کے لہو سے چنری لال ہو
کسی کی ٹوٹیں چوڑیاں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
گنوا کے اپنے بھائی کا ہی مان کوئی یوں صدف
مری طرح ہو بے اماں ،کبھی نہ یہ خدا کرے
٭٭٭

رخصتی۔۔۔۔

میرے ماتھے پہ جب تو نے جدائی ثبت کی تھی ماں ۔۔
میرا زرتار آنچل ایک پل کو کسمسایا تھا،
کوئی بے نا م اندیشہ، نجانے کب سے ، دل میرے میں کنڈلی مارے بیٹھا تھا،
اگرچہ مڑ کے دیکھوں تو۔۔۔۔۔
کہیں بھی، کچھ نہیں بدلا
میرا بچپن اسی آنگن میں اب تک ایستادہ ہے
ابھی تک میرے بھائی مجھ کو عادتاًَ آواز دیتے ہیں
ابھی تک تو میرا بابل نمازِ فجر پڑھتے ہی
میرے کمرے کے دروازے پہ دستک دینے آتا ہے
ابھی تک میرے بستر پر مری شکنیں خوابیدہ ہیں
ابھی تک ان فضاؤں میں مری شوخی کی آہٹ ہے
ابھی تو جھانکتی دیوار و در سے گنگناہٹ ہے
باغیچے کی کیاری میں ، میرے ہاتھوں لگائے پھول،
اب تک کھلکھلاتے ہیں
موتیا آواز دیتا ہے، ابھی مجھ کو گلابوں کے نئے غنچے بلاتے ہیں
ابھی تک گھر کی پیشانی پہ میرا نام لکھا ہے
کمرے کے طاق پر بیٹھی مری گڑیا بھی حیراں ہے
کتب خانے کی میزوں پر کتابیں میری بکھری ہیں
مری چوڑی، مرا آنچل، مری مہندی ، مرا کاجل
ابھی تک میرے کمرے میں ہے سب کچھ منتظر میرا
مری پیشانی پر تو نے جدائی ثبت کی ہے ماں
یا جادو کی چھڑی ایسی گھمائی ہے
مرے ہاتھوں سے خوابوں کے کھلونے لے لئے تو نے
پازیبیں میرے قدموں میں نئے رشتوں کی ڈالی ہیں
مرے سب اختیار اب کانچ کا نازک سا برتن ہیں
مجھے مہمانوں کے زمرے میں اک پل میں بٹھا ڈالا
مرا سارا تشخص تیرے بوسے نے بدل ڈالا
کہ جس گھر کی میں مالک تھی
وہ گھر اب میرا میکہ ہے
٭٭٭

مسخ آئینہ Retorting Mirror/

میں چاہے کتنا ہی کیوں نہ سنوروں
میں کیسی سج دھج سے کیوں نہ آؤں
یہ میرے گہنے، سنگھار میرا
یہ بانکپن سب وقار میرا
حسن و ادا کی ہر اک نزاکت
سب دلکشی سب نکھار میرا
میرے لبوں پہ یہ کھلتی کلیاں ، حسین آنکھوں کی جگمگاہٹ
گیسوئے مُعطر، تنِ مُعنبر
مہکا ہوا سارا گلزار میرا
بے ڈھب سی تصویرِ رائیگاں کے سوا ، کچھ نہیں ہے
بے ہنگم سے اک عکسِ ناتواں کے سوا ، کچھ نہیں ہے
مسخ آئینہ ہے میرے مقابل
سرِ آئینہ میری حیران ہستی
پسِ آئینہ اک شکستہ شبیہ ہے
٭٭٭

Not For Sale

تمہاری چمچماتی کار کا یہ ان چھوا ماڈل
تا حدّ نظر پھیلی رہائش گاہ کے ماتھے پر
چمکتے نام کی تحتی
اور اس نام کے پیچھے قطاریں ڈگریوں کی بھی
تمہارے کاندھوں پر یوں بھی
کئی عہدوں کے تارے تھے
شرق و غرب پر چھائے یہ کاروبار کے بادل۔۔۔
روا تھے تم کو کبر و نخوت کے یہ انداز سب
کہ دوست آئینہ بھی تھا، اور نازاں خود پہ تم بھی تھے
تمہارا یہ زعمِ خود ستائی بے وجہ کب تھا
کہ منتظر نظرِ کرم کے مہ جبیں بھی لاکھوں تھے
کہ نظرِ کرم کے تھے منتظر کئی ماہ جبیں ، کئی ماہ رُو
اور طاقتِ خرید تمہاری کو بھی غرور تھا
کہ اس کی دسترس میں ہے، جس کی کرے وہ آرزو
معترف ہیں ہم کہ تم کھلاڑی با کمال تھے
فسوں طراز پینترے سارے ہی تو بلا کے تھے
مہرے سب ہی شاہی تھے
نشانے سب نپے تلے
تیر سارے نیم کش
بوالعجبی سی بوالعجبی ہے۔۔۔۔؟
اک سر پھری سی عورت کا اقرار بک نہیں پایا
٭٭٭

بیٹیاں پھول ہیں ۔۔۔۔

جناب محمود شام کی اثر آفریں نظم سے متاثر ہو کر۔۔۔۔۔۔

بیٹیاں پھول ہیں ۔۔۔۔
اور پھول کے مقدر میں
بالآخر بکھرنا ہے
انہیں تو بس مہکنا ہے
سجا دو سیج پر چاہے
چڑھا دو یا مزاروں پر
سہرے میں انہیں گوندھو
لگا دو یا کہ مدفن میں
انہیں تو رنگ بھرنا ہے
انہیں خوشبو پھیلانی ہے
بھلا پھولوں سے ان کی مرضی پوچھتا ہی کون ہے
بتاؤ تم کو بالوں میں سجائیں یا کہ مرقد پہ
آبیاری ہو کہیں ،یا پھر قطع بُرید ہو
پھولوں کے اختیار میں تو بس مہکتے رہنا ہے
اجنبی جذبات کو اپنی زباں میں کہنا ہے
جس رنگ میں باغباں چاہے
گلدستے میں سج جانا ہے
جس کیاری میں چاہے
وہیں پہ ان کو اگنا ہے، وہیں پھل پھول دینے ہیں
وہیں مرجھانا ہے انکو
پرندوں اور پودوں میں ۔۔۔یہی اک فرق ہے ازلی
کبھی جب بے سبب یہ مہرباں برساتیں روٹھ جائیں تو
یا بد قسمت گھٹائیں راستے کو بھول جائیں تو
کبھی جب پانیوں کی کوکھ بنجر ہونے کو آئے
پرندے ہجرتیں کر کے ، نئی آ ب و زمیں کھوجیں
ٹھکانے ، آشیانے، چمن و گلشن سب نیا ڈھونڈیں
مگر پھولوں کو ، پودوں کو، مگر بیلوں کی بانہوں کو
وہیں پانی کے مدفن پر، وہیں اشجار کے ساکت بدن پہ خاک ہونا ہے
انہیں گجروں میں سجنا ہے، انہیں راہوں میں رلنا ہے
انہیں گلداں سجانے ہیں ۔۔۔
یہی پھولوں کی قسمت ہے، یہی ان کا مقدر ہے
بیٹیاں بھی پھول ہیں ۔
٭٭٭

چلو یونہی سہی
.
چلو یونہی سہی کہ تم انوکھے لاڈلے ہی تھے
اور ماں وہ مامتا ماری
نجوم و ماہ تاباں بھی تمہیں قدموں میں لا دیتی
جو چلتا بس کبھی اس کا
چلو یونہی سہی کہ تم تو سرکش بھی بلا کے تھے
تمہاری خود سری تم کو وہ سب کچھ بھی دلا دیتی
تمہارے ہونٹوں سے بن کے جو فرمائش نکلتا تھا
مگر یوں ہے
کہ تم تو اب تلک شاید وہی اک ضدی بچہ ہو
ہمارا دل مگر کوئی کھلونا تو نہیں ہے کہ
تمہیں ہم کھیلنے اور توڑنے اور پھینکنے کو دیں
٭٭٭

زمانہ سچ ہی کہتا تھا
.
زمانہ سچ ہی کہتا ہے
مجھے اس نے بتایا تھا
تمہارے پیار کے دعوے محض جھوٹے فسانے ہیں
تمہارے ساتھ کے وعدے صرف وقتی بہانے ہیں
یہ علم و آگہی کی ساری باتیں ، کھوٹے سکے ہیں
میرے اندھے یقیں کے ہاتھ میں لاٹھی تھمانے کی ہر اک کوشش
مری کمسن ناداں چاہتوں نے رد کر دی تھی
تمہیں دل نے تمناؤں کا اک واحد خدا مانا
ایماں لایا تمہاری چاہتوں پر
تمہیں سب سے جدا جانا
تمہاری قربتوں میں شمع کی مانند پگھلتا تھا
تمہاری فرقتوں میں شمع ہی بن بن کے جلتا تھا
یہ ٹھکراتا رہا دستِ طلب جتنے لپکتے تھے
یہ لوٹاتا رہا، جتنے قدم اس جانب اٹھتے تھے
تمہاری بات بھی جیسے، مقدس اک صحیفہ تھی
تمہاری ذات، اس بے سمت دل کا جیسے قبلہ تھی
تمہی، میرے لیے جیسے زمیں تھے اور زمانہ تھے
تمہی تھے زندگی جیسے، کہ جینے کا بہانہ تھے
مگر
مگر، میرے یقین و اعتبار و احترام و سادگی کے ایک شیشے پر
ابھی مجھ کو تمہاری ضربِ ظالمانہ نے بتایا ہے
میں اپنے جسم و جاں میں
ذہن و دل میں
روح کے ننگے بدن میں جب
پیوست ریزے دیکھوں تو
یقیں تائید کرتا ہے
زمانہ سچ ہی کہتا تھا
٭٭٭

ٍ
محبت کی پہلی سالگرہ
.
یہی وہ رتیں تھیں ، یہی تھیں فضائیں
یہی تھا وہ موسم ، یہی تھیں ہوائیں
ملے تھے یہیں ہم سے پہلے پہل وہ
یہیں پر لٹائی تھیں دل نے وفائیں
یہی دن تھے ہارا تھا دل ہم نے اپنا
یہیں پر ملن کی تھیں مانگی دعائیں
یہیں ہم نے سونپا تھا دل ان کو اپنا
یہیں وصل کی دل نے سیکھیں ادائیں
یہی تھے وہ کوچے، یہی تھیں وہ گلیاں
یہیں اب بھی دیتے ہیں ان کو صدائیں
یہیں ساتھ ان کے گزارے تھے وہ دن
تھیں پیروں تلے اپنے جب کہکشائیں
یہیں بوئے گل ہم سے کرتی تھی شوخی
یہیں چھیڑتی تھیں ہمیں یہ ہوائیں
یہیں ان کو پایا، یہیں ان کو ہارا
یہیں پر دعا ہے دوبارہ وہ آئیں
ملیں گر تو دل میں چھپا لیں گے ان کو
کہ آ کر وہ واپس دوبارہ نہ جائیں
نہ اب وہ خوشی ہے، نہ اب وہ ہنسی ہے
صدف ؔ آؤ چل کر اُنہیں ہم منائیں
٭٭٭

خود کلامی

مر بھی جاؤ تو مت رونا
اپنا ساتھ نہ چھوٹے گا
تیری میری چاہ کا بندھن
مور سے بھی نہیں ٹوٹے گا
میں بادل کا بھیس بدل کر
تجھ سے ملنے آؤں گا
تیرے گھر کی سُونی چھت پر
غم کے پھو ل اُگاؤں گا
جب تو اکیلی بیٹھی ہو گی
تجھ کو خوب رُلاؤں گا
٭٭٭

*
چِٹیّ چادر
.
یہ مانا کہ میرے بدن کے برف زار چھونے کی تجھ کو اجازت رہی
مری دھڑکنوں کی یہ حدّت ہمیشہ تری دسترس تک سے باہر رہی
مرے روز و شب کے سبھی دائروں پہ تیرے نام کی گرچہ مہریں رہیں
مگر میرے خوابوں کے سونے مکانوں پہ تحتی تیرے نام کی نہ سجی
مری خواہشوں پر ترے فیصلوں نے ہمیشہ ہی کیا کیا نہ زنجیر ڈالی
تخیل مرے پہ مگر ایک پل بھی تری کوئی مرضی نہ غالب رہی
مرے دست و پا میں ترے اختیارات کی بندشیں تھیں ،
یونہی عمر ہا پابجولاں چلی
مرے من کی دنیا، ترے نقشِ پا سے کبھی ایک پل آشنا نہ ہو ئی
مرے ہر عمل پر، تری آمریت ہمیشہ حدیں جاری کرتی رہی
مگر تیری منطق مری سوچ کی سرزمیں سے ہمیشہ ہی باہر رہی
حقوقِ شریعت ترے ہاتھ میں بن کے لاٹھی ہمیشہ برستے رہے
مرے فہم و ادراک ، ریشم کی ڈوری، بصیرت مری پر تری نہ چلی
یہ جبر و تسلط یہ جور و ستم کا جو تم کھیل کھیلے
مری خامشی آج یوں خندہ زن ہے
مجھے یہ بتاؤ کہ تم کیا ہو جیتے
مجھے جیت پائے
نہ مجھ سے ہو جیتے

نہیں , اب نہیں
نہیں
میں قانونِ مسیحا کی پابند، فطری اصولوں سے پیہم کشاکش میں مصروف
اک تار کہ تو نہیں
جس کے اک گال پر پوری طاقت سے دنیا طمانچہ لگائے
اور وہ مسکرا کر جواباً
تحمُّل کے آئینے کی کرچیوں کو اٹھائے ہوئے
مضرُوب رخسار کی سرخیوں کو چھپائے ہوئے
دوسری طرف سے گال آگے بڑھا دے؟
نہیں
میں تو قرن ہا قرن سے
خوابوں اور خواہشوں کے وسطی پل پر، خود ، اور خودی کو بھلائے ہوئے
خدا کے نہیں , اس زمانے کے دستور کا بوجھ، کاندھوں پہ اپنے اٹھائے ہوئے
اپنے تعارف کا ہر اک حوالہ بھلائے ہوئے
احتجاج کے میں تو ، سارے مقفل سے دروازوں پر
مصلوب ہوتی رہی
میں کہ رشتوں کی نادیدہ زنجیر کی قید میں ،
میں کہ ناکردہ جرموں کی تقصیر کی قید میں ،
میں کہ عورت کے ازلی
گھر اور پناہوں کے خوابوں کی تعبیر کی قید میں
بن پڑھے، سارے سمجھوتوں پہ ، دستخط کر کے دیتی رہی
ظلم و زیادتی کے ہر ناروا اور جبری سے ہر عہد و پیمان کو
لب سئیے
تائیدی مہروں سے بیڑی بناتی رہی
مصلحت کے قفس میں ، مَیں ، خود اپنے ہاتھوں
سلاخوں کی گنتی بڑھاتی رہی
میں ایثار و خدمت کے، قربانی کے، منتروں میں ہی الجھی رہی
آستینوں کے سانپوں کو خونِ جگر میں پلاتی رہی
سماجوں ، رواجوں کے ان ناخداؤں کے ہاتھوں سے معتوب ہوتی رہی
اور پھر جب کبھی ، چند گھڑیوں کی مہلت چرا کے
کبھی سوچنے کی جسارت بھی کی
ناخدا چیخ اٹھے، تلملائے روایات کے بت سبھی
آ کے مجھ پہ گڑیں ، زہر آلود تیروں کی تیز انّیاں ، سنسناتی ہوئی
میں کلاہوں کی ناموس، شملوں کے جاہ و حشم،
اور قبیلے کی ، میں ، ناک اور آبرُو کی، مجبور، مقہُور، تنہا امیں
بے سمت اک صدا، بے گیاہ اک زمیں
رسم کے ہر الاؤ میں زندہ ہی جلتی رہی
مسکرا کر بھی مغضوب ہوتی رہی
لیکن نہیں
بس اب نہیں ، ایک لمحہ نہیں
ایک پل ایک ساعت تلک بھی نہیں
اک جہنم، کہ ہر سانس سینے کو بن کے کٹاری لگے
یہ اک آگہی کا بے قابو سا لاوا
صبر و برداشت کی ایک تڑخی زمیں جس کو بھاری لگے
اس سے پہلے، اس سے پہلے، کہ جبرو اکراہ کا ایک ظالم سا آتش فشاں
مجھ کو بھی راکھ کر دے
نہیں
سر کشی کی یہ معیوب، جلتی روایت مجھی سے سہی
بس نہیں
اب بساطیں الٹنے کی بے باک، بدنام سی یہ بغاوت مجھی سے سہی
سوچنے کی اذیت مجھی سے سہی، بولنے کی یہ جرات مجھی سے سہی
کربلا کی زمیں میری قسمت سہی، میری راتوں کی تقدیر وحشت سہی
میری تنہائی میری عقوبت سہی
اب سرِ دار بھی دل کہے گا یہی
نہیں , اب نہیں
٭٭٭

چلو اب سودا کرتے ہیں
.
کبھی میں سوچتی ہوں
تتلیوں کے پھر تعاقب میں نکلتے ہیں
چمن زاروں میں بچپن کے
وہ دن کیا خوب تھے جب سوچنے سے سب کو فرصت تھی
ابھی میں سوچتی ہوں
جگنوؤں کو روشنی میں پرکھ لینے کی رتوں میں
بنے مکتب سبھی مدفن، کفن کس کو میسر ہے
میں وہ معصوم پھولوں سے بدن
احساس کی ان انگلیوں کے پور سے چھو لوں
تو میری ذات پر وہ سارا ملبہ آن گرتا ہے
میں یخ بستہ ہواؤں میں لرزتے
عمر خوردہ ناتوانوں کو، جو لب بستہ بھی ہیں
انہیں جب ناگہانی آفتوں میں بے سرو سامان تکتی ہوں
میری آنکھوں میں اشکوں کے سمندر سے بپھرتے ہیں
کبھی ٹوٹے کھلونوں کی، شکستہ سے گھروندوں کی
کبھی ماؤں کی آہوں کی،
کبھی لاچار کاندھوں پر جواں بیٹوں کے لاشوں کی
سہاگنوں کی ٹو ٹی چوڑیوں ، سونی کلائیوں کی
چبھن میرے لہو کی گردشوں میں سرسراتی ہے
میرے دل کی یہ دھڑکن زلزلے محسوس کرتی ہے
میری روح سانس لینے کو ہوا تک کو ترستی ہے
بھڑکتے سے الاؤ میں مری سوچیں سلگتی ہیں
میرے ہاتھوں میں جیسے ہر نوالہ کپکپاتا ہے
بھیانک خواب آنکھوں کو مری سونے نہیں دیتے
مگر مری بے بس سی ہمدردی
گرم کمرے میں آسائش بھرے گھر میں
غالیچوں اور قالینوں سے سر ٹکراتی پھرتی ہے
میں ٹی وی پر قیامت کے مناظر دیکھتی ہوں
محض لفظوں کے ریشم سے پرائے زخم ڈھکتی ہوں
کبھی آئینہ دیکھوں تو میرا عکس کہتا ہے
میری ان ساری سوچوں کا تمسخر سا اڑاتا ہے
مجھے ہنس ہنس کے کہتا ہے
تیری بانہوں کے یہ کنگن، یہ ہیروں سے جڑے گہنے
یہ ملبوسات ریشم کے
تیرے احساس کے دعووں کا ساتھی تو نہیں لگتے
محض گفتار ہی گفتار، دعوے ہیں فقط وعدے
پرائے درد میں لپٹی ہوئی پر پیچ یہ باتیں
فقط جھوٹے فسانے ہیں
اگر سچ ہے, اگر سچ ہے
تمہارے غم کی شدت میں حرارت ہے
حقیقت ہے، صداقت ہے
چلو پھر سودا کرتے ہیں
اسی کے مال سے اس کو ہی ہم مقروض کرتے ہیں
چلو دہراتے ہیں پھر سے
اخوت کی حکایت کو، پیغمبر کی روایت کو
صدیقی ؓ ۔ عنایت کو، اور عثماں ؓ کی سخاوت کو
چلو گفتار کے مبہم اندھیروں سے نکل آئیں
چلو کردار کے روشن اجالوں تک چلے آئیں
چلو پہلا قدم ہم ہیں
چلو ہم سودا کرتے ہیں
٭٭٭

غمگساری
.
اگر کبھی میں گن پاؤں
وہ نیم شب کی تنہائی کی اپنی ساری آہوں کو
کہ جس کو غمگساری کا پھونک کر سحر تم نے
قوسِ قزح بنا ڈالا
اگر شمار کر پاؤں میں اپنے سارے اشکوں کو
جہنیں دلداری کی پوروں سے چھو کر میری جاں تم نے
حقیر چند قطروں کو ماہ و نجوم میں ڈھالا
تو میرے قدموں کے نیچے یہ ساری کہکشاں ہوتی
تو میری بند مٹھی میں یہ سارا آسماں ہوتا
٭٭٭

مرے ہمسفر
.
ہم تاروں سے آگے بھی بستے اگر تھے
بہاروں کے شہروں میں رہتے اگر تھے
رنگوں کے ہم خالقوں سے بھی ہوتے
خزانوں کے سب مالکوں سے بھی ہوتے
کوہِ نور ہوتا جو ایک ایک آنسو
بکھرتی کرن مسکراہٹ جو ہوتی
جو سر پہ جہاں سارے کا تاج ہوتا
جو پیروں میں شاہی حکومت بھی ہوتی
پیکرِ حسنِ یکتا کے مالک جو ہوتے
کرشماتی لفظوں کے خالق جو ہوتے
کبھی ہاتھ میں گر خدائی جو ہوتی
غرورِ سخن سب کمائی جو ہوتی
تو اے دھڑکنوں کی صداؤں کے مالک
دعاؤں کے مالک، وفاؤں کے مالک
مری شرمگیں سب اداؤں کے مالک
حسین اس رفاقت پہ کرتے نچھاور
یقین و صداقت پہ کرتے نچھاور
تیرے مان و چاہت پہ کرتے نچھاور
مرے ہمسفر، اے مرے ہمسفر
٭٭٭

میں کہ اک عام سی عورت
.
اگر میں شاعرہ ہوتی
تو اپنے لفظوں کے موتی
تمہارے نام کر دیتی
میں گر مصورہ ہوتی
تمہارے رنگ میں رنگتی
سبھی رنگ و آہنگ اپنے
ادیبہ ایک گر ہوتی
تو پروازِ تخیل پر
تیرا پہرا لگا دیتی
اگر میں ہوتی فنکارہ
تو فن کی رہگزاروں پر
تیرے نقشِ قدم ہوتے
مگر میں عام سی عورت!
نہیں اظہار پر قادر
نہ لفظوں پر، نہ حرفوں پر
نہ رنگوں پر، نہ سوچوں پر
سو تیرے نام کرتی ہوں
وفا اپنی، حیا اپنی
انا اپنی، دعا اپنی
دلِ معصوم کی دھڑکن
امنگیں اور ادا اپنی
میں کہ اک عام سی عورت
٭٭٭

کاش میں قلم ہوتی
.
اے قلم کار مرے
کاش ہوتی میں قلم، دستِ سخن ساز تیرے کا اور تُو
بڑے دھیان، بہت یاد ، بڑی فکر کے ساتھ
اپنے ہمراہ لئے مجھ کو ہمیشہ جاتا
تُو کبھی دل پہ لگی جیب میں رکھتا مجھ کو
کبھی ہاتھوں میں بڑی نرمی، بڑے شوق کے ساتھ
جادو تُو اپنے تخیّل کا جگاتا مجھ سے
یونہی، یکدم، جو کبھی چونک کے، لکھتے لکھتے
اپنے ہونٹوں میں دبا کر پہروں
فکر میں میں کھویا ہوا , سوچے جاتا
جو کبھی تجھ سے کوئی مانگتا مجھ کو اک پل
صاف گوئی سے، رُکھائی سے، بتا دیتا تُو
’’معاف کر دیں مجھے قبلہ! بڑی مجبوری ہے
یہ قلم دے نہیں سکتا ، کہ ادھوری ہے۔۔
میری ہستی، یہ مری فکر، مری ذات بہت‘‘
میری پل بھر کی جدائی نہ گوارا ہوتی
از تصوُر تا غزل، میں ہی سہارا ہوتی
نوک میری ہی عطا کرتی خلعت سوچوں کو
بات کہنے کا ہنر میری سیاہی دیتی
سخنور تجھ کو فقط، میری رفاقت کرتی
تجھ کو شاعر بھی صرف میری حلاوت کرتی
معتبر تجھ کو محض میری شہادت کرتی
نامور تجھ کو فقط میری صداقت کرتی
تیرے ہر فیصلہ پر مہر بھی میری لگتی
میری جنبش سے کئی فیصلے رد بھی کرتا
شب ڈھلے جب کبھی ،
آمد بھی سخن کی ہوتی
بڑی بے چینی سے تُو ڈھونڈتا مجھ کو ہر سُو
تیری بے تاب گرفت، سِحر سا کرتی مجھ پر
تیرے ہاتھوں میں بے خود سی مَیں لکھے جاتی
مئے افکار سے لبریز، میں بہکے جاتی
تیری سوچوں کے گہر چُنتی، پروئے جاتی
شب خیزیوں کی ، خلوتِ شب کی
ایک تنہا میں راز داں ہوتی
جو کبھی تجھ سے کہیں کھو بھی میں جاتی جاناں
تو ترا نام بدن میرے پہ کندہ ہوتا
مجھ کو تو دنیا تیرے نام سے جانا کرتی
اے کہ سرمایۂ جاں ! جانتی ہوں میں یہ بھی
راہِ تخلیق میں وہ لمحہ بھی آتا ہے جہاں
فیصلہ اہلِ قلم کر کے, قلم توڑ دیا کرتے ہیں
مجھ کو منظور ہر اک شرطِ محبت ہوتی
اے قلم کار مرے
کاش میں دستِ سخن ساز کا قلم ہوتی
٭٭٭

سالِ نو
.
دسمبر کی دھندلاتی شامیں وہی ہیں
طویل و تاریک راتیں وہی ہیں
وہی ٹھٹھری صبحیں ، وہ مدقوق سورج
بے مقصد سا دن یہ ، بے رنگ سارے قصے
ہے سالِ رواں پہ نزع کا یہ عالم
سود و زیاں کے سبھی گوشوارے
بن تیرے جاناں ہیں گھاٹے، خسارے
مدارِ شمسی، یہ مہتابی محور
یہ موسم مہینے، کیلنڈروں کی باتیں
یہ سالوں کے قصے، حسابوں کی باتیں
بے معنی ہیں سارے عذابوں کی باتیں
مری کائناتِ دل و جاں میں جاناں
تجھی سے وابستہ ہیں عمرِ رواں کے ماہ و سال میرے
عروج میرے ، زوال میرے
مزاج میرے کے سب موسموں کی تم ہی دھوپ چھاؤں
تم ہی وہ خورشید، جو کہ ازل سے
تعبیرِ خوابِ تیرہ شبی ہے
مرے افقِ دل کا ، وہ مہتاب ہو تم
لٹاتا مری جاں میں جو چاندنی ہے
مری روح کے صحرا میں بہتی ہوئی آبجو ہو
مٹاتی سرابوں کی جو تشنگی ہے
مری زندگی کے چمن کا وہ گل ہو
کہ جو منبعِ رونق و تازگی ہے
تمہارے ہاتھوں کی حدتوں میں !
تمہارے جذبوں کی شدتوں میں !
تمہاری باتوں کی نرمیوں میں !
تمہارے ہونٹوں کی گرمیوں میں !
تم سے ملاقات کی مہرباں ساعتوں میں !
ٹھہر جاتی ہے وقت کی ساری گردش
گم سم سی رہتی ہے نبضِ زمانہ
بتائیں تمہیں مختصر سا فسانہ
ہر ایک دل کی ہے اپنی دنیا اور اپنا سورج، اور اپنی گھڑیاں
ہر ایک ہستی کے اپنے موسم اور اپنی راحت ، اور اپنی خوشیاں
مرے موسموں کے تغیر میں جاناں
جس دم بھی لوٹو، جس پل بھی پلٹو
تمہاری مٹھی میں سالِ نو کا دمکتا سورج
تم ہی ماہِ کامل ، تم ہی عید میری، تم ہی سالِ نو ہو
٭٭٭

فیصلے کا پَل
.
مقدر آبلے سارے
ہمارے ہی برہنہ پا کے ٹھہرے تھے
ثبت سارے فیصلوں پہ
مہرِ فیصلہ کن بھی
ہمارے نام ہی کی تھی
ہمیں نے طرزِ کہنہ کی قباحت کے فسانے کو
نیا اک موڑ دینا تھا
ہمیں نے تو بتانا تھا
کہاں نُطق و تکلم کی فصاحت آزمانی ہے
کہاں خاموش رہنا ہے
کہاں سوزن رفوگر ہو، کہاں تلوار بن جائے
کہاں ریشم ہو جذبوں کا، کہاں انگار بن جائے
کہاں سنگلاخ چوٹی ہو، کہاں ہموار بن جائے
ڈبو دے کب سفینے سب، کہاں پتوار بن جائے
کہاں کس کو
غرورِ ذات کی سب کنجیاں عطا کر کے
چارہ گر بنانا ہے
کہاں پہ اعتبار و اختیار واپس لینے ہیں
ہمیں نے تو دکھانا تھا
کہاں پر جان لینی ہے، کہاں اس کو لٹانا ہے
کہاں پہ مکر جانا ہے، کہاں وعدہ نبھانا ہے
کہاں دل توڑ دینے ہیں ، کہاں پر ٹوٹ جانا ہے
کسے برقِ نگاہِ ناز سے ہے خاک کر دینا
کہاں پلکوں کے آنچل سے نگاہوں کو بچانا ہے
کہاں تختہ الٹنا ہے، کہاں بے داد سہنا ہے
کہاں اشکِ رواں کو دل کے دریا میں اترنا ہے
کہاں آنکھوں سے بہنا ہے
کہاں قدموں تلے ہم نے ستارے لا بچھانے ہیں
کہاں قدموں تلے سے پھر زمیں بھی کھینچ لینی ہے
اس وقت کی اک کروٹ نے ، بس ایک ہی پل میں ہمیں
فیصلے کا اختیار, ایک ہی پل کو دیا
ہم داد دیتے ہیں خود کو
ہمیں نے بازی جیتی ہے، ہمیں تو سُرخرو ٹھہرے
دشتِ جبر میں عمرِ رواں کی رائیگانی تھی
مگر یکلخت پل میں ہم ، قریبِ آبجو نکلے
ہم داد دیتے ہیں خود کو
کہ ہم تو سُرخرو نکلے
٭٭٭

محبت نے کیا معجزہ کر دیا ہے
.
صبا میرے بالوں میں موتی سجائے
حیا میرے گالوں پہ غازہ لگائے
اسے دیکھوں بھی تو مجھے لاج آئے
اسے سوچوں گر تو یہ دل گنگنائے
محبت نے کیا معجزہ کر دیا ہے
.
روشن نہ تھا آفتاب اتنا پہلے
نہ کھلتا تھا دل کا گلاب اتنا پہلے
حسیں کب لگا تھا یہ خواب اتنا پہلے
نہ آتا تھا اس سے حجاب اتنا پہلے
چاہت نے سب کچھ نیا کر دیا ہے
محبت نے کیا معجزہ کر دیا ہے
.
دعا کب بھلا ایسے نوکِ زباں تھی
حیا کب بھلا یوں نظر سے عیاں تھی
یہ ہستی کہاں میری اک داستاں تھی
یہ قسمت کہاں یوں میری مہرباں تھی
الفت نے خود آشنا کر دیا ہے
محبت نے کیا معجزہ کر دیا ہے
.
کبھی آئینے سے مراسم نہیں تھے
آشنا اپنے دل سے کبھی ہم نہیں تھے
وہ جب تک ہوئے دل کے محرم نہیں تھے
ضیا بار، یوں دل کے موسم نہیں تھے
تمنا نے روشن دِیا کر دیا ہے
محبت نے کیا معجزہ کر دیا ہے
٭٭٭

محبت
.
.
محبت درمیانی رہگذر جاناں نہیں ہوتی
محبت کیا کوئی خیرات میں ملتی ہوئی شے ہے؟
کہ دے دیتا ہے سائل کو سخی کوئی
کسی کے پھیلے ہاتھوں پر،
کرم کر کے، ترس کھا کر؟
محبت کیا محض ہمدردیوں کے نام پر بٹتی ہوئی شے ہے؟
کہ نذر کر دیتا ہے یک بیک ہی نرم دل کوئی
کسی کے بہتے اشکوں پر،
نظر کر کے، رحم کھا کر
محبت کیا صرف سمجھوتے کی تاریک راہوں پہ
بھٹکتی بے وصف شے ہے؟
کہ مصلحت کے نام پر
لٹا دے گا کوئی مجبور بن سوچے؟
محبت کیا فقط محرومیوں کے خوف سے
مجبوریوں کی ڈوریوں میں پا بستہ،
کسی مجرم کی مانند، سر جھکائے ، اک کہیں بے آسرا شے ہے
خوشی سے کوئی بے کس اپنے پیروں میں
کھنکھتی بیڑیاں کیا اس لئے ڈالے
کہ وہ لعل و جواہر سے مُرصع ہیں ؟
محبت کھوکھلی لفّاظی کی ہے کیا غزل کوئی
کہ لکھ دے گا کوئی شاعر
کسی کی جُنبشِ ابرو کے مُبہم سے اشارے پر
محبت محض جلوہ یا حسیں چہرہ نہیں ہوتی
کہ لُٹ جائے ہر اہلِ دل
لب و عارض کے تاباں اک نظارے پر
محبت کیا حبابِ بحر کی مانند بس اک پل ہے؟
کہ مٹ جاتی ہے مٹنے سے، جدائی سے، بچھڑنے سے؟
کبھی تاروں بھری چادر میں لپٹی شام
اداس آنگن کی ویرانی میں چپکے سے اترتی ہے
تو کیا ایسا نہیں ہوتا
کہ ہر تارہ چمکتا ہے تو اس کا نام لیتا ہے
بہاریں اپنے دامن میں سمیٹے ساری رنگینی
کبھی جیون کے گلشن اچانک پاؤں دھرتی ہیں
تو کیا ایسا نہیں ہوتا
کہ تب ہر پھول مسکا کر اسی کا ذکر کرتا ہے
عروسِ نو کی مانند جب مُعنبر سی ہوائیں یہ
سہج سہج کے چلتی ہیں
تو کیا ایسا نہیں ہوتا
کہ ہر جھونکا ہلا کر دامنِ دل کو سندیسہ اس کا دیتا ہے
محبت دل کے صحرا پر کبھی جب چاندنی بن کر
اچانک ہی بکھرتی ہے
تو شاعر کا قلم بے خود اسی پہ غزلیں لکھتا ہے
اسی کے سپنے بنتا ہے
اسی کی آنکھ سے حیران ہو ہو کر
نئی دنیا کو تکتا ہے
وصل میں بہکتا ہے، جدائی میں سلگتا ہے
محبت تاج و تحت سے اور جمال و نخوت سے
بہت ہی ماورا شے ہے
یہ ترغیباتِ قربت کے حسیں جلووں سے برتر ہے
محبت صدقِ کامل سے یقیں پائے تو حیرت ہے
محبت جبلِ فُرقت پر
اوہام و وساوس کی ، ہر اک کشتی
جلا آئے تو نصرت ہے۔
جہاں کے سارے جذبوں پر محبت کی امامت ہے
محبت ہی حقیقت ہے، محبت ہی صداقت ہے
اسے تم زیست کے ہر دائرے سے منفی کر کے دیکھو تو
باقی سب ہی وحشت ہے
ملامت ہے، جہالت ہے
محبت روح میں بہتا وہ بے قابو سا دریا ہے
جسے بحرِ ازل میں ضم ہونے کی تڑپ ہر دم
محبت دل کے گلشن کا اک ایسا خود رو پودا ہے
جسے اپنی بقا کو ابرِ رحمت کی ضرورت ہی نہیں ہوتی
محبت آرزو کے عرش کا وہ ضو فشاں تارہ
کہ جس کی جھلملاہٹ ٹوٹنے سے کم نہیں ہوتی
محبت خوشبو کی مانند بڑی بے اختیاری ہے
یہ تو از خود بکھرتی ہے
اسے عطّار کی تعریف کی حاجت نہیں ہوتی
محبت کے مجرم کو ضرورت منصفوں کی کیا؟
کہ صادق تر محبت سے شہادت ہی نہیں ہوتی
محبت گنبدِ بے در سے عاجز ہی نہیں ہوتی
یہ اک ایسا طلسم ہے، یہ ایسا ایک اسم ہے
کسی کو پھر مقابل آنے کی جرات نہیں ہوتی
محبت جبر و جابر سے کبھی خائف نہیں ہوتی
محبت درمیانی رہگذر جاناں نہیں ہوتی
نفی اثبات کا واضح، متعین ایک رستہ ہے
کسی دھچکے سے نہ ٹوٹے
یہ ایسا ایک رشتہ ہے
الوہی جلووں کی پہلی جھلک اس میں ہی ہوتی ہے
محبت اک جمالی رنگ ہے اوصافِ ربانی کا
محبت ہی نبوت ہے، محبت ہی رسالت ہے
ہزاروں رنگ ہیں اس کے، ہزاروں نام ، چہرے ہیں
ہر رنگ ہی صباحت ہے، ملاحت ہے، نظافت ہے
یہ مہتابی سی ٹھنڈک ہے، یہ پھولوں کی لطافت ہے
ہاں ! چشمِ محبت با وضو ہر لحظہ رہتی ہے
محبت کر کے تو دیکھو
محبت تو عبادت ہے
٭٭٭

کچھ کہتے کہتے
.
کہا اس نے اگر روٹھوں ؟
کہا ، رُک جائے گی دھڑکن
کہا اس نے اگر بدلوں ؟
کہا ، بڑھ جائے گی وحشت
کہا اس نے اگر بچھڑوں ؟
کہا، تڑپے گی پھر چاہت
کہا اس نے اگر بھولوں ؟
کہا، تیرے ہاتھ ہے قسمت
کہا اس نے جو ٹھکراؤں ؟
کہا، مالک ہو! جو چاہو
کہا اس نے جو تڑپاؤں ؟
کہا، برسوں سے ہے عادت
کہا اس نے رُلاؤں گر
کہا، رشتہ ہے یہ بھی اک
کہا اس نے اگر چاہوں ؟
کہا قدموں میں ہے یہ دل
ہر اک صورت میں تیرا تھا
ہر اک رنگ میں ترا ہو گا
بسا دو یا کرو برباد
تمہارا نام ہی لے گا

کہا ہم نے کہ تعبیریں کہیں خوابوں کی ملتی ہیں ؟
کہا اک شام اتر دیکھو کبھی تم میرے آنگن میں
کہا ہم نے جمی کیا گرد روحوں کی اترتی ہے؟
کہا ہاتھوں میں میرے ہاتھ دے دو اب کے ساون میں
کہا ہم نے بتاؤ ساز کیسے بنتی ہے دھڑکن؟
کہا ہو دیکھو تم شامل ادھورے میرے جیون میں
کہا ہم نے یقیں کیسے محبت دل کو دیتی ہے؟
کہا تم نام سن لو اپنا میرے دل کی دھڑکن میں
کہا ہم نے محبت کو پناہیں کون دیتا ہے؟
کہا اس نے کہ چھپ دیکھو ہمارے پھیلے دامن میں

مجھے تم آسمانِ سطوت و تاج و حکومت کے ستاروں کی ردائیں پیش مت کرنا
میں نالاں ہوں ! مجھے تم شہرت و تخت و نخوت کی قبائیں پیش مت کرنا
مجھے دولت کی طاقت سے خریدے اختیارات و خرابات و نحوست سے کبھی مرعوب مت کرنا
تمہارے قصر و ایواں کی جلال و شو کت و ہیبت مجھے قائل نہیں کرتی
تم اپنے بازارِ ثروت میں مرے اس یوسفِ شعر و سخن کی بولی مت دینا
تمہارے مسلکِ لعل و جواہر پر مرا ایماں نہ ٹھٹھکے گا
مجھے کبر و رعونت کے منور ان شراروں سے کبھی مسحور مت کرنا

مری تخلیق آب و گل کا سادہ سا کرشمہ ہے
مجھے مٹی سے برگ و گل اگانے کی تمنا ہے
مٹی کی مہک سوندھی مجھے بے خود بناتی ہے
اور مخمل کی بیر بہوٹیاں مجھے مبہوت کرتی ہیں
یہ پردہ پوش مٹی جو امیں بھی ہے، اماں بھی ہے
کبھی چیرو جگر اس کا، خفی بھی ہے، عیاں بھی ہے
یہ مٹی بیج کی صورت، ذرا سا تحفہ دو اس کو
جواباً تم کو لوٹاتی ہے شجر و ثمر اور بر گ و گل
اسی مٹی کا خوں پی کر امید و آس کے ہر کشت میں پھل پھول آتے ہیں
اسی مٹی کا سینہ روند کر دہقان کے بچے مرادیں اپنی پاتے ہیں
مجھے مخفی دفینوں کی، مجھے مدفوں خزینوں کی قبائیں دے سکو، تو دو
تابانی جن نگینوں کی ، نظر کو خیرہ کرتی ہے، مجھے ان سے مزین تم ردائیں دے سکو، تو دو
مگر نہیں , ۔تمہارے دستِ استطاعت سے کہیں باہر،
مر ی خواہش کی دنیا ہے
اور تمہارے تصنع سے مسجیٰ جگمگاتی دنیا سے،
مری سادہ سی ہستی کو علاقہ ہی نہیں کوئی
میرے فکر و تخیل کی زمینوں پہ،
تمہاری ان با اثر رسائیوں کے، بال و پر بھی جلتے ہیں
چلو پھر مان ہی لو تم مرے نکتہ نظر کے ان دلائل کو، انکساری کے شمائل کو
مؤدب سی مری اس معذرت سے، پھر جبینِ ناز و ثروت پر، بہت بل آ پڑے لیکن
مری مجبوری مٹی ہے، کہ مٹی سے بقا میری، وفا میری، احیاء میری
اسی گرد و غبار و خاک ہی سے مجھ کو نسبت ہے
مجھے تم خاکساری کی زمینوں میں ہی رہنے دو
٭٭٭

تیری دید میری عید
.
کس دل سے داستانِ محبت سنائیں ہم
کیا زخمِ دل دِکھائیں کیا آنسو بہائیں ہم
مشروط تیری دید سے جاناں تھی اپنی عید
جب تُو نہیں تو عید پھر کیسے منائیں ہم
کس سے کہیں کہ عید مبارک ہو تجھ کو آج
اور صبحِ عید کس کو گلے اب لگائیں ہم
کس کے لئے سجائیں کلائی میں چوڑیاں ؟
کس کے لئے لباس نیا اب بنائیں ہم
اب کیوں سجائیں شمعوں سے کھانے کی میز کو
جب تو نہیں تو کیا کوئی مہماں بلائیں ہم
اب شام میری خوش ہے نہ ہی صبح شاد ہے
ہر دن تھی عید مجھ کو زمانہ وہ یاد ہے
٭٭٭

وطن

اے وطن تجھ کو کروں پیش میں سرمایۂ تن
اپنا دل ، اپنا لہو ، اپنا یہ نا چیز سا فن
اے وطن مٹی تری میری امنگوں کا چمن
اے وطن تو میرے خوابوں کا مہکتا گلشن
اے وطن تو میری پہچاں کا حوالہ ہے حسیں
اے وطن تو میری عصمت کا اچھوتا آنگن
اے وطن تیری ہواؤں کی مہک سانسوں میں ہے
اے وطن یاد تری ہے میرے دل کی دھڑکن
تو ہے جیسا بھی میرا اپنا ہے میرا اپنا ہے
میری نظروں میں نہیں جچتے یہ غیروں کے چمن
میں ہوں نازاں کہ ہیں بے مثل جہاں سارے میں
یہ ترے شہر، ترے بن، سبھی محتاط چلن
میرے جذبات کی تفسیر ہے پاکیزہ زمیں
میرے ایمان کی تکمیل ہے یہ حبِ وطن
تجھ پہ رحمان نچھاور کرے رحمت اپنی
یونہی آباد رہیں شاد رہیں کوہ و دمن
٭٭٭

اشعار

تم کو جاں دی، تو دے ہی دی جاناں لیں گے واپس نہ اب خدا کی طرح ٭

دل شکستہ ، ہم ہجوم بیکسی میں بیٹھ کر
زخمِ دل، خونِ الم، زخمِ وفا ،خونِ جگر

کیا کہیں ، کس سے کہیں ؟ اے جان جاں ، جانِ جہاں
لے تجھے دیتے ہیں ریزے ، دل کے ہم آئینہ گر
٭

اے ماہتاب تُو بھی تو موجود تھا وہاں
اس کی زباں پہ یہ تو بتا میرا نام تھا؟

وقتِ جدائی اشکوں کا طوفاں تھا موجزن
کہنے کو کہہ رہا تھا کہ رونا حرام تھا
٭

اجاڑیں جن کو یوں صدمے وہ دل بسنے سے ڈرتے ہیں

بتائیں تم کو ماں جائے ہم اب ہنسنے سے ڈرتے ہیں ٭

جب تلک آنکھ نم نہیں ہوتی بے کلی دل کی کم نہیں ہوتی

خون دل کا خراج اگر نہ دیں شاعری محترم نہیں ہوتی ٭

دلبری اپنی جگہ، دلداریاں اپنی جگہ دشمنی اپنی جگہ ہے، یاریاں اپنی جگہ

ہم وفا خو ہیں مگر جھک کر ملیں ؟ ممکن نہیں
عشق ہے اپنی جگہ، خود داریاں اپنی جگہ
٭٭٭٭

مآخذ:
http://www.aalmiakhbar.com/index.php?mod=article&cat=sadaf&article=826
http://www.urduworld.com/allpoets/533-sadaf-mirza
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

شریکِ غم سمندر ہے