متفرقات و علوم

عوض سعید

مصنف: ترتیب
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (15,059 الفاظ)

عوض سعید

عوض سعید

مرتّب اوصاف سعید، اعجاز عبید

 

  عوض سعید

خلیل الرحمن اعظمی

عوض سعید نہ تو میرا بچپن کا لنگوٹیا یار ہے اور نہ آغاز شباب کی سرمستیوں کا ساتھی لیکن آج سے کئی سال پہلے جب میں نے ’’ادب لطیف ‘‘میں اس کا افسانہ ’’بیدل صاحب‘‘ پڑھا تو ایسا معلوم ہوا کہ یہ شخص اپنے ہی قبیلہ کا ہے۔ مجھے اپنی اس کمزوری کا ہمیشہ سے اعتراف رہا ہے کہ میں اچھے سے اچھا افسانہ پڑھ کر عام طور پر بھول جاتا ہوں۔ پھر اگر کوئی اس کا پلاٹ بتانے لگے اس کے واقعات کو دوہرائے اور اسکے آغاز اور نقطۂ عروج پر روشنی ڈالے تو مجھے ایسا محسوس ہوتا کہ میں یہ کہانی پہلی بار سن رہا ہوں۔ لیکن میری اس کمزوری پر بعض ایسی کہانیاں قابو حاصل کر لیتی ہیں۔ جن میں لکھنے والے نے کسی ایسے کردار کی تخلیق کی ہو جس سے بے اختیار ملنے کو جی چاہنے لگے۔ نہ جانے کیوں مجھے ایسا محسوس ہونے لگتا ہے جیسے یہ کردار میرے آس پاس ہی کہیں موجود ہے اور کسی نہ کسی دن اس سے اچانک ملاقات ہو جائے گی اور یہ ملاقات دوستی میں تبدیل ہو جائے گی۔ نئی پود کے افسانہ نگاروں میں عوض کی اس خصوصیت نے مجھے اس کی طرف کھینچا اور میں اس کے تخلیق کئے ہوئے کرداروں کے ساتھ خود اس کی شخصیت کے تصوّر میں مگن رہنے لگا۔ ایک دن اچانک مجھے معلوم ہوا کہ وہ حیدرآباد چھوڑ کر دہلی آ گیا ہے اور اب مستقل یہیں قیام کرے گا لیکن اس عجیب و غریب شخص نے مجھ سے ملنے کا موقع نکالا بھی تو کب یعنی جب وہ دہلی میں کچھ عرصہ گزار کر اور وہاں کی زندگی سے اکتا کر ہمیشہ کے لیے دکن کی طرف لوٹ رہا تھا۔ پہلی نظر میں اسے دیکھ کر مجھے کچھ دھچکا سا لگا۔ یوں تو اس کے خدوخال کافی تیکھے اور جاذب نظر ہیں اور اسے دیکھ کر تھوڑی دیر کے لیے عظمت اللہ خان کی دلاویز نظم ’’آندھرا دیش کی سندر پتری‘‘ کے بعض مصرعے یاد آنے لگتے ہیں لیکن وہ کچھ ایسا گم سم اور خاموش سا آدمی ہے کہ بالکل مٹی کا مادھو معلوم ہوتا ہے یا ایک ایسے سیاح کی مانند جو کسی اجنبی دیس میں پہنچ گیا ہو جہاں قدم قدم پر زبانِ یار من ترکی کا احساس اسے ستا تا ہو۔ بہر حال اس سوئے ہوے آدمی کو جگانے میں مجھے خاصی دیر لگی۔ لیکن جب چوبیس گھنٹے گزر جانے کے بعد وہ کچھ مانوس سا ہو گیا تو اب اس کی خاموشی بھی خوبصورت معلوم ہونے لگی۔

عوض کو قریب سے دیکھنے کے بعد میرا کچھ ایسا اندازہ ہے کہ اس کے افسانے عام افسانہ نگاروں کی طرح اس کے تجربات و مشاہدات کا عکس ہی نہیں ہیں بلکہ اس کی شخصیت کی تکمیل بھی کرتے ہیں۔ عوض سعید نام کا جو آدمی ہے وہ ایک ’’ادھوری شخصیت‘‘ ہے۔ اس سے پورے طور پر ملنے کے لیے اس کے تخلیق کئے ہوئے کرداروں کے ساتھ بسر کرنا ہو گا۔ چنانچہ اس کے افسانہ ’’خون صد ہزار انجم‘‘ کا بہاری ’’پہلی تنخواہ کا عبدالصمد کمپونڈر’’ نیکی کا بھوت‘‘ کا وہ کردار جس کا نام اس نے حرامی رکھا ہے ’’ریت کے محل‘‘ کا بدصورت کارٹونسٹ، ’’کوئلہ جل بھئی و راکھ‘‘ کا ٹیوٹر اور ’’کفارہ‘‘ کا ٹرومین یہ سب خود اپنی جگہ پر ایک مستقل کردار اور کسی نہ کسی سماجی قدر کے نمائندہ ہیں۔ لیکن اس کے باوجود عوض سعید نام کے افسانہ نگار کی شخصیت کا پس منظر بھی ہیں۔

اُردو کے پرانے اور نئی نسل کے بہت سے افسانہ نگاروں کی کہانیاں میرے زیرِ مطالعہ رہی ہیں۔ مجھے کچھ ایسا لگتا ہے کہہ ہمارے بعض فنکار افسانہ نگار سے زیادہ ’’منشی‘‘ اور مضمون نگار‘‘ ہیں۔ کہانیوں سے کاٹ کر کہانی بنانا، واقعات کی کھتولی تیار کرنا، اہم سیاسی اور سماجی مسائل پر واعظانہ قسم کے مکالمے یا تقریریں اپنے افسانوی اشخاص کی زبان سے ادا کرنا، جنسی زندگی کے بارے میں ممنوعہ لٹریچر سے حاصل کی ہوئی معلومات پیش کر کے اس پر کچے ذہن کے نوجوانوں کی طرح للچانا یہ سب ایسی باتیں ہیں جن کی وجہ سے رسالوں میں چھپنے والے افسانوں کا مطالعہ میرے لیے ہمیشہ ایک آزمائش کا مرحلہ رہا ہے۔ کم ہی ایسی کہانیاں ملتی ہیں جنھیں شروع کر دینے کے بعد ختم کرنے کو جی چاہے اور جب ختم ہو جائیں تو اس افسانہ نگار کی دوسری کہانی کا انتظار شروع ہو جائے۔ ایسے افسانہ نگاروں کی ’’ذات‘‘ ممکن ہے قریب سے دیکھنے پر دل چسپ نظر آئے لیکن ان کی تحریریں پڑھ کر ہمیں کسی بھی ’’شخصیت‘‘ کا سراغ نہیں ملتا اور نہ ہی انھیں ڈھونڈنے کو جی چاہتا ہے۔ عوض ایک ایسا افسانہ نگار ہے جس کی کہانیاں پڑھنے والوں کو اسے ڈھونڈنے پر اکساتی ہیں اور جب ملنے پر بھی اس سے ملاقات نا مکمل رہ جاتی ہے تو پھر اس کی تحریروں میں اسے دوبارہ تلاش کرنے کو جی چاہتا ہے۔

***  

عوض سعید کا منفرد زاویۂ نگاہ

مہدی جعفر
(۱)
عوض سعید ان مخصوص فنکاروں میں ہیں جن کی مضبوط بیانیہ تحریروں نے افسانوی ادب کو نئی سمت عطا کی ۔ ان کے افسانوں میں نفسیاتی تناؤ ،سریّت،رمزیّت،کرب اور گھٹن کی صورتیں غیر معمولی توجّہ کے اعتبار سے پہچانی جاتی ہیں۔ آج جب ہم ان کے افسانوں کو پڑھتے ہیں تو اِس بات کا احساس ہوتا ہے کہ عصری آدمی کی موہوم اور دشوار گزار فطرت کا ٹھیک ٹھیک اندازہ لگا کر قاری کو راغب کر لینا اور روایت سے انحراف کرتے ہوئے سنجیدہ ذہنی سے نئی حسّیت کا تعیّن کر لینا ایک پیچیدہ مرحلہ تھا جسے انھوں نے مدبّرانہ سہولت سے افسانوی فن میں منتقل کیا ۔ گو کہ عوض سعید اب ہمارے درمیان نہیں (وفات ۱۹۹۵ ء بعمر ۶۳ سال) مگر ہمارے سامنے وہ ایسے تازہ افسانے چھوڑ گئے ہیں جو اپنی موجودگی سے خود ان کے وجود کو ناقابلِ فراموش بنا دیتے ہیں۔
(۲)
عوض سعید کا فن مذہبیت یا مخصوص معاشرے سے سروکار نہیں رکھتا ۔ وہ اپنے کرداروں کے نام علاقائی حیثیت کو ابھارنے کے لئے نہیں برتتے ، نہ ہی علاقائی زبان یا مشرقی علاقائیت (Orientalism) اُن کی تحریروں کی پہچان بنتی ہیں، نہ ان کے افسانے کو عام معاشرتی افسانوں کی ذیل میں رکھا جا سکتا ہے ۔ ان کے یہاں دیہی منظرنامہ نہیں ہوتا بلکہ پیچیدہ مدنی بافت ان کی تخلیق کا کینوس بن جاتی ہے۔ ان کے یہاں تخیّلاتی اڑان والی فینٹاسی بھی نہیں ہے بلکہ رمزیت اور اسرار کی تخیّل آزمائی والی فینٹاسی نظر آتی ہے۔ اُن کے افسانوی کردار اکثر و بیشتر بے نام اور مجرّد ہوتے ہیں (میں ، تم،وہ، ہم وغیرہ)گویا عوض سعید نام کو قطعی اہمیت نہیں دیتے ،نہ ہی کوئی نام استعاراتی ہوتا ہے بلکہ کبھی کبھی ایک ہی نام کو دوسرے افسانوں میں دہراتے نظر آتے ہیں (ظفر، جمیل وغیرہ)
’’جلاوطن‘‘ میں وہ خود کہتے ہیں ۔ ’’بھئی نام سے کیا ہوتا ہے۔ شکلیں تو بالکل جدا ہیں ۔ ‘‘ اکا دکّا افسانوں کو چھوڑ کر عوض سعید اظہاریت پسند (Expressionist) نہیں ہیں یعنی وہ موضوعی و داخلی عندیہ رکھتے ہوئے بھی اس طریق کار سے افسانہ سازی نہیں کرتے۔ اُن کا اسلوب واضح طور پر معروضی اور خارجی ہوتا ہے جس کے نیچے سے داخلیت کا چشمہ شور کرتا ہوا بہتا ہے۔
(۳)
عوض سعید کی فنکاری میں جدیدیت برائے جدیدیت نہیں ہے۔ یہ دوسری بات ہے کہ جدید تحریک عموماً دارالحکومتوں اور بڑے شہروں میں پروان چڑھی اور تمام تخلیق فنون (شاعری، فکشن، ڈرامہ، مصوری،مجسمہ طرازی، موسیقی، آرکیٹیکچر وغیرہ) اس رجحان کے زیرِ اثر آ گئے۔ عوض سعید کے فکشن میں بیشتر صورتیں لا محالہ طور پر اسلوب، برتاؤ، یا ہیئت کی تشکیل میں معاون ہیں۔ مگر عوض سعید کا فن جس بات سے سروکار رکھتا ہے وہ ہے انسان کی دنیاوی پوزیشن اور اس کے عمل اور ردّ عمل کو اپنے زاویہ سے دیکھنا ۔ یہ ان کا تحریری اسلوب اور ہیئت کا جدید انداز ہے تجربہ ہے۔
عوض سعید کسی سچّے (True)جذبے کے معروضی تلازموں (objective correlatives) کو منکشف کرتے ہیں۔ مثلاً انجانے جذبات، اجنبی احساسات، وہ غیر معمولی چیزیں جو ہمارے ارد گرد نظر آتی ہیں مگر عامل خیال ان کی طرف نہیں جاتا،وہ باتیں ، وہ حرکتیں جو لا اظہار اور لا کلام ہیں ، انسان کی نفسی حالت، عجیب و غریب ارتباط،عجیب و غریب انتشار ۔ یہ سبھی ان کے افسانوں کے بیان یا اس کے پس پردہ رونما ہیں۔ بیانیہ کی سطحیں جست لگاتی ہیں مگر سب ملا کر ایک مربوط تخیّلی بیان تشکیل پاتا ہے ،افسانے کی اکائی بن جاتا ہے۔ ۔ قاری خود ہی محسوس کر سکتا ہے کہ سب کچھ کتنا سچ ہے۔
چنانچہ ہر افسانے کا اپنا جذبہ ہوتا ہے جس کا مرکزی یا بنیادی تلازمہ ہوتا ہے۔ چونکہ معاشرتی وجود کے ساتھ اس جذبے کے دوسرے انسلاکات پرت دار ہوتے ہیں اس لئے اکثر بنیادی معروضی تلازمے کی نمائندگی کے لئے دوسرے متغائر تلازموں کے برتاؤ (super imposition) سے افسانوں کی شکل نمایاں کی جاتی ہے۔ ’’رات والا اجنبی ‘‘ ، ’’وہ لڑکی‘‘ اور ۔ ’’نامراد‘‘ جیسے افسانوں پر بنیادی تلازمہ اثر دار ہے۔ ’’تیسرا مجسمہ‘‘ اور ’’ایک زہریلی کہانی‘‘ میں غیر موجود کردار کا خالی پن ہے۔ ’’تولیہ ‘‘ میں ضمیر ہے ’’خواب میں ہنوز‘‘ میں واقعہ کا آڑا پن ہے ، ’’بھیتر بھیتر آگ ‘‘ میں جنسی رویّہ کے طبعی اختلافات ہیں ۔ یہ سبھی جذبہ کے اظہار کے لئے مضبوط بنیادی معروضی تلازمہ کی تشکیل کرتے ہیں ۔
بنیادی معروضی تلازمہ افسانے کا فارم طے کرتا ہے جسے مصنف شکل دیتا ہے تاکہ مخصوص جذبہ کی تہ دار خواندگی تمام متعلق امکانات کو بروئے کار لائے اور قاری کو افسانہ نگار کے عندیہ تک پہنچنے میں زیادہ دشواری نہ ہو ۔ عوض سعید نے اس ضرورت کو ملحوظ خاطر رکھا ہے اور اسی مناسبت سے ترسیل کا قدرتی انداز بیان Explore (یا خلق ) کیا ہے۔ قاری کی حسّیت کو ابھارنے یا مشتعل کرنے (Evocation) کے لئے مصنف خارجی حقیقتوں کا سہارا لیتا ہے ، جگہ جگہ نظر منظر یا زاویۂ نظر، تبدیلی یا جست اختیار کرتے ہوئے شدت سے متوجہ کرتے ہوئے ، غیر معمولی پیکر، یا کیفیت کی صنعت گری کرتے ہوئے، بیانیہ صورت کو گرفت میں لیتا ہے ،چھوٹے چھوٹے افسانوں کی تلازماتی گیرائی سے اپنے مقصد کو پورا کرتا ہے۔ اس طرح عوض سعید خیال، احساس اور عمل کا دلچسپ توازن قائم کرتے ہیں۔ متوازن افسانوی ہیئت میں جا و بیجا لفظیاتی طوالت یا قلّت نہیں ہوتی ۔ یعنی جذبہ کا بیانیہ تجربہ اس کی نمائندگی کرتا ہے لفظیاتی دباؤ،سیل یا دبازت کی آڑ میں چھپ نہیں جاتا ۔
(۴)
میں مصنف کا افسانہ ’’جنازہ‘‘ پڑھ رہا تھا ۔ اچانک مجھے بیس پچیس برس پہلے لکھا ہوا اپنا ایک شعر یاد آ گیا ۔ یہ تعلق خاطر ہے ورنہ من آنم کہ من دانم۔ شعر یوں ہے۔
’’میں اپنی قبر میں ساکن ہوں ایک مدت سے
عبث جنازہ مرا شہر سے نکلتا ہے ‘‘
میرا خیال کچھ اس طرح تھا ۔ میں تو خود ہی تنہائی اور بے نوائی کے عالم میں گوشہ نشین ہو چکا ہوں (گوشے میں قفس کے مجھے آرام بہت ہے ) میرے عقب میں لوگ کیوں میرے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ اب جو غور کیا تو معلوم ہوا کہ عوض سعید کا افسانہ بھی کچھ اس طرح کی سچویشن کو گرفت میں لانے کی کاوش سے عبارت ہے۔ یہاں ہم دیکھ سکتے ہیں کہ موہوم اور لا معلوم تخلیقی طور پر افسانہ ایک مصرعے سے دوسرے مصرعے تک پہنچنے کا تلازماتی اظہار ہے۔ پورا کا پورا بیانیہ دونوں مصرعوں کا حصہ ہے۔ عوض سعید نے ’’جنازہ‘‘ میں زندہ بشریت کی عبث (Absurd) حالت میں مصور کی ہے۔ چار الگ الگ طرح کے بے تعلق لوگ کسی شخص کے جنازے کو قبرستان لے آئے ہیں ۔ گورکن قبر کھودتے کھدتے بے دم اور پژمردہ سا ہو جاتا ہے۔ وہ قبرستان کے جنگلی خود رو پودوں، کھردری زمین اور مٹی میں دھنسے ہوئے پتھروں کے درمیان رہتے ہوئے ، پھولی ہوئے سانسوں سے نڈھال، قبر کھودتے کھودتے اکتا جاتا ہے، تھک کر سو جاتا ہے (یہ سب تلازمے ہیں )۔ غیر دلچسپ ماحول میں عوض سعید کا حیرت انگیز، دلچسپ اور مختصر بیان متوجہ کرتا ہے۔ حیران گورکن کو ادھوری کھدی ہوئی قبر بالکل تیار ملتی ہے۔ مصنف اس قبر میں دھنسی ہوئی ایک تازہ نعش کو نمایاں (project) کرتا ہے۔ یہ آخری محیّر زا فقرہ ہے ’’ارے یہ تو یہاں پہلے ہی سے موجود تھا ‘‘ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ میں اپنی قبر میں ساکن ہوں ایک مدت سے ! عبث جنازہ میرا ۔ ۔ ۔ ‘‘مصنف خود لکھتا ہے، اپنی لکھاوٹ کو لکھتا ہے۔ یہ فردیت سے فردیت کا تعلق ہے۔
(۵)
زندگی کی عبث صورت حال کے درمیان عوض سعید جن عوامل اور کیفیات پر متوجہ ہوتے ہیں یا جن کے تفاعل کا گہرا شعور رکھتے ہیں ان میں جنس کی نفسی حالت بھی شامل ہے۔ جنس کے قدرتی مظہر کو فردیت کی قوت مند حقیقت یا زندگی کی منفرد حیاتی جہت گردانتے ہوئے اس خوش سلیقگی سے نبھاتے ہیں ۔ (یوں بھی عوض سعید کے پیش کردہ کام غیر معمولی (abnormal or above normal) (واقعے ، کیفیات یا کردار غیر حقیقی) نہیں ہوتے۔ ’’کھلاڑی ‘‘، ’’مہمان‘‘ ،’’گیندے کے پھول‘‘ ، ’’ فیرنی‘‘،’’دیوداسی ‘‘ وغیرہ میں جنس کی حسّیاتی یا جذباتی انسلاک کی نمائندگی ہوئی ہے۔ ’’بھیتر بھیتر آگ ‘‘ اُن کا طویل مختصر افسانہ ہے جس میں عوض سعید نے اسلوبیاتی تحلیل کا نقشہ پیش کیا ہے اور بڑے کینوس کے ذریعہ قرأت پذیری (readability) کا نمونہ بنا دیا ہے۔ افسانے میں ملتانی کا بیرونی کردار اسد (جو گھر کا ذمہ دار سربراہ ہے ) کے چھوٹے سے کنبہ پر باہر سے جنسی دباؤ کا مظہر بن جاتا ہے جس سے انتشار جنم لیتا ہے۔ اس انتشار کو ملتانی پوشیدہ کوششوں سے خلق کرتا رہا ہے ۔ وہ اسد کی لڑکی کو اپنے حصول کے لئے manipulate کرتا ہے۔ گھر کی ذمہ دار حیثیت اسد کا فرسودہ رویّہ بن کر ابھرتی ہے۔ اسد کی فیملی اور ملتانی کی جنسی دلچسپی عمل اور ردّ عمل کی صورت اختیار کرتے ہوئے اسد کے رویّے کے بر عکس ہے۔ کون خسارے میں ہے ،اسد اس کی بیوی،بیٹی یا خود ملتانی ؟ بہرحال اسد کا خسارہ واضح ہے اور اس راہ سے افسانہ طنز کا نشتر لگاتا ہے۔ اب اگر ملتانی (کی جنسیّت) کے زاویۂ نگاہ سے دیکھا جائے تو آتش کا یہ شعر راسخ آتا ہے ۔ ۔ ۔ ۔
’’فکر اشعار کو لازم ہے دماغی قوت
سونگھنا چاہیے وہ سیب زنخداں مجھ کو‘‘
یہ شعر بڑا ہے یا عوض سعید کا افسانہ آپ طئے کر لیجیے۔
(۶)
عوض سعید نے اکثر ایسے نفسیاتی افسانے بھی تحریر کئے ہیں جن میں جنسی طنز مفقود ہو اور فردیت کی چھاپ اسی طرح گہری ہو ۔ توجہ کھینچنے کی شدت ان کا تخلیقی میلان ہے۔ ’’رات والا اجنبی ‘‘ ان کی انفرادیت کی واضح مثال ہے جو اہمیت، توجہ اور کشش کے ٹریٹمنٹ پر قائم ہے۔ عوض سعید اِن عوامل سے فرد کی روح تاک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ عوض سعید کے فن سے اندازہ ہوتا ہے کہ توجہ کھنچنے کا رویہ لازمی طور پر جنسی نہیں ہے۔ عوض سعید کے غیر جنسی افسانے فرائڈ کا تتبع نہیں کرتے ۔ بے توجہی اور توجہ کا تصادم کبھی منظر نامہ (تماشہ، کمرہ نمبر ۲۸، اداس نسل کا آخری آدمی) کبھی مظہراتی علامت (شال،موذی، گیندے کے پھول) کبھی بیانیہ تشکیل (نسخہ، کھلاڑی،نامراد، دیوداسی) کبھی نفسیاتی کشمکش (خاک دل، جلاوطن، تولیہ) میں اپنی جلوہ نمائی کرتی ہے۔ مصنف معمول کے درمیان سے غیر معمولی صورت نقش کرنے کا ہنر جانتا ہے۔ عام حالات کے اندر سے غیر معمولی حالت کی پُر توجہ نمائندگی پر قدرت ان کی تخلیقی روش میں چار چاند لگا دیتی ہے۔ افسانوں کا راوی اصرار کرتا ہے کہ اس پر بھروسہ کیا جائے۔ وہ معتبر راوی ہے۔ مکالموں میں روز مرّہ کی گفتگو، نوک جھونک،کڑوے کٹیلے جملوں سے گھر باہر کی تصویریت قائم ہوتی ہے۔ بیانیہ کا مجرّد خیال کہیں پیچیدگی اختیار کرتا ہے تو کہیں اضطراب انگیز صدمہ پہنچاتا ہے۔
’’ایک زہریلی کہانی ‘‘ میں عورت اور مرد کے درمیان پنپنے والے ازلی فاصلوں کا آڑا پن Lopsidedness غالباً شوہر کی طبعی کمینگی کی جانب انگشت نما ہے۔ ’’وہ آدمی‘‘ میں اجنبی شخص سے منافرت کا ردّ عمل ہے۔ افسانے کا اختتامیہ اس کی ایبنارملٹی کا پردہ اٹھا دیتا ہے اور وہ کوئی ضرورت مند انسان نکل آتا ہے۔ شاید اردگرد کا ماحول ایبسرڈ اور ہمارا رویہ ایبنارمل ہو گیا ہے۔
دیگر ایبسرڈ افسانوں میں چوتھا آدمی،جونک،تنہائی اور تنہائی نمایاں ہیں۔ ’’سائے کا سفر ‘‘ ذات کی شکستگی سے عبارت ہے۔ ’’تثلیث ‘‘ کا رائیٹر، کردار عجیب و غریب بوجھ سے بھرے، بیزار کن اور ناقابلِ فہم حالات کا عکاس ہے۔ ۔ ۔ ’’مردہ گاڑی ‘‘ میں لوگوں کو مرتے یا مرتے ہوئے آدمی میں بے انتہا دلچسپی رہتی ہے مگر جب معلوم ہوتا ہے وہ زندہ ہے تو انبوہ غیر دلچسپ ہو جاتا ہے جب کہ حقیقتاً زندہ دیکھنے اور زندہ رکھنے پر توجہ کرنا چاہیے۔ ’’چاہیے ‘‘ اور ’’ ہے ‘‘ کا یہ زبردست فرق جو مجموعی طور پر انسانوں کا خاصہ ہے لائق توجہ ہے۔
’’اداس نسل کا آخری آدمی‘‘ کی راہ سے معاشرے کی عجیب سی نفسیات نمایاں کی گئی ہے ۔ مصنف پل پر سے موت کی چھلانگ لگانے والے شخص کے واسطے سے معاشرے کے رویہ پر سوالیہ نشان قائم کرتا ہے۔ افسانہ تحفظ اور تازگی پہنچانے کی نا اہلی پر بلیغ طنز ہے ۔
(۸)
عوض سعید اپنے بیانیہ کو اعلی تخیّلاتی سطح فراہم کرتے ہوئے کبھی کبھی اتنی چابک دستی دکھاتے ہیں کہ اکثر جملے ایک مفکرانہ رنگ، ضرب المثل کی شکل یا شعری آہنگ اختیار کرتے ہوئے باہر آ جاتے ہیں۔
٭ شیلٹر کے لئے ہم سب بھاگ رہے ہیں ،ایک جگہ سے دوسری جگہ، دوسری جگہ سے تیسری جگہ، اس سائبان کی تلاش میں جہاں کوئی ایسا آدمی نہ ہو جو ہمارے قہقہوں کا گلا گھونٹ دے۔ (موذی)
٭ موت ناگ بن کر ہمارا پیچھا کر رہی ہے ۔ (موذی)
٭ جب چاہت حد سے سوا ہو جاتی ہے تو جا و بیجا امیدیں سر نکالتی ہیں۔ (تولیہ)
٭ ایک جانور دوسرے جانور کے ساتھ کبھی خوش نہیں رہ سکتا۔ (فیرنی)
٭ گہری نیند سے بیدار ہونا بھی گیان کی ایک منزل ہے۔ (مردہ گاڑی)
٭ میں نے تمہیں بچا لیا ہے تاکہ تم زندگی جیسے عذاب کا مزا چکھ سکو ۔ (دشمن)
٭ لہو کی بوندیں
گورے کالے
نیلے پیلے
چہروں کی تفسیریں
عتاب کے نکیلے پنجے
سڑی بسی نعشوں پر
بھوکے گدھوں کا اژدحام
کیا یہی وہ عذاب ہے
جس کے لئے ہمیں زمین ملی تھی
اپنی قبروں کے دروازے
مقفّل کر لیں (زمین کا عذاب)
قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ ایسے جملے یا شعر پارے الگ سے پیوست کئے ہوئے نہیں لگتے بلکہ افسانوی بیان کی کوکھ سے جنم لیتے ہیں۔
(۹)
اب آئیے ’’شال‘‘ جیسے افسانے کو بہ نظر غائر دیکھیں۔ یہ ایک علامتی افسانہ ہے۔ اِس میں قدم قدم پر اسی طرح کے جملے ملیں گے۔ ان کا بنیادی علامت ’’شال‘‘ سے بلا واسطہ یا بالواسطہ تلازماتی تعلق ایک جال سا بنا دیتا ہے ۔
٭ ہم تو سمندر میں پھینکی ہوئی وہ بادبانی کشتیاں ہیں جو ہوا کے اشارے پر چلتی ہیں۔ ہمارا کوئی ملّاح نہیں ہے۔
٭ ادھار مانگی ہوئی زندگی کے چہرے پر کوئی منچلا اگر paid لکھ دے تو شرمسار نہیں ہونا چاہیئے۔ ندامت کا بار اٹھانے کے لئے تو ساری زندگی پڑی ہے۔
٭ اندرونی طور پر ہم سب موت کے بد صورت پرندے سے خائف ہیں ۔ نہ جانے کب وہ پر پھیلائے اپنی نوکیلی چونچ ہمارے جسم میں داخل کر دے۔
افسانے میں ایک پارہ تو ایسا ہے جس میں پئے در پئے ۶ جستیں jaunts موجود ہیں۔
ایک نامعلوم نوجوان سلیٹی رنگ کی گرم اونی شال میں لپٹا ہو ا سڑک عبور کر رہا تھا اچانک اس نے سینے میں سخت تکلیف کی شکایت کی اور طبی امداد ملنے سے پہلے ہی مر گیا ۔ نعش مردہ خانے میں شناخت کے لئے رکھی گئی ہے میں کل سے اب تک مارا مارا پھر رہا ہوں تاکہ خود اپنی نعش کی شناخت کر سکوں۔ میں اپنے وجود کی کرچیوں کو جمع کرتے کرتے اب لہو لہان ہو چکا ہوں۔ حرام زادو ! کیا یہاں میری نعش کو چبانے آئے ہو۔ وہ دیوانگی کے عالم میں اپنے ایک ساتھی پر جھپٹ پڑا ۔
یہ جستیں jaunts نہ صرف افسانے کا اسلوب متعین کرتی ہیں بلکہ علامت کو قائم کرنے میں حد درجہ معاون ہیں۔ یہاں نا معلوم نوجوان میں، وہ،میں ،وہ،کے رنگوں میں تبدیل ہوتا جاتا ہے۔
افسانے میں جگہ جگہ شال کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ یہاں تک کہ مکالماتی فقرہ ’’ ارے میرے پاؤں تلے کوئی چیز دب کر رہ گئی ہے۔ ۔ ۔ کچھ بھی تو نہیں فرش ہے جس پر ہم چل رہے ہیں ‘‘ شہاب جعفری کی شاعری پر طنز ملیح بن گیا ہے۔ افسانہ نگار کا یہ فقرہ زندگی کی اصلیت ہے اور شال سے مربوط ہے ۔
چلے تو پاؤں کے نیچے کچل گئی کوئی شئے
نشے کی جھونک میں دیکھا نہیں کہ دنیا ہے ‘‘
افسانے کا اختتامیہ چونکا دینے والا ہے۔ ’’یار میری شال کہاں گم ہو گئی ۔ ‘‘ شال کی تفہیم کو اچانک بن میں بدل دینا فنکار کا کمال ہے۔ شال کا نظر آنا پھر غائب ہو جانا اپنی طرح کی سریّت پیدا کرتا ہے۔ سُرمئی شال جو زندگی اور موت کے درمیان جھولتے رہنے کی علامت تھی، اچانک معدوم ہو گئی ۔ شال کا غائب ہو جانا موت کا اعلان بن جاتا ہے ۔
فقرے ہی نہیں افسانوی تشکیل کے سارے اجزاء علامتی تلازموں کا ایک جال سا بُن دیتے ہیں ، خواہ وہ خاموشی اور گفتگو کے مکالمے ہوں ، مسرت،حقارت ندامت کے احساسات ہوں، شراب یا بار کی بار بار طلب ہو،بار کے اندر یا باہر کی دنیا کا منظر ہو، جھلّاہٹ گھبراہٹ یا گالیاں ہوں، واقعہ ہو تخیل ہو سبھی شال کی علامتی تفہیم کا رول ادا کرتے ہیں۔
(۱۰)
اپنے افسانوں میں عوض سعید فردیت یا ذات کے تقاضوں کی پرورش کرتے ہیں یا اس کی علامت بناتے ہیں۔ یہ ایک قسم کی نجی علامت نگاری، ایک مشکل شخصی ترجمانی ہے۔ ٹھوس شے کی تصویریت (گیندے کے پھول، شال، سانپ، سینگ وغیرہ) قاری کے تئیں ایسا ستھرا جذباتی ادراک پیدا کرتی ہیں جسے پوری طرح بیان کرنا ممکن نہ ہو گا ۔ وہ صدماتی انداز میں فردیت کے خالص مزاج (mood) کی اس ہنر مندی سے مصوری کرتے ہیں کہ بیان ذاتی زاویۂ نظر سے وسیع تر سرحدوں کا ترجمان بن جاتا ہے۔
 
عوض سعید

مجتبیٰ حسین

میری ایک کمزوری یہ ہے کہ میں شرافت کے بارے میں تو بے تکان لکھ سکتا ہوں لیکن شریف آدمی کے بارے میں بالکل نہیں لکھ سکتا۔ پچھلے ہفتے ڈاکٹر مغنی تبسّم نے دہلی فون کر کے جب مجھے اطلاع دی کہ عوض سعید کے خاکو ں کے مجموعے کی رسم اجرا ہونے والی ہے تو میں نے مسرّت کا اظہار کیا، لیکن دوسرے ہی لمحے جب انھوں نے مجھ سے کہا کہ مجھے بھی اس موقع پر کچھ کہنا ہے تو میں نے معذرت کا اظہار کیا۔ مغنی تبسّم نے حیدرآباد کے موجودہ ادبی ماحول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’حیدرآباد میں اب لکھنے والوں کی کمی ہوتی جا رہی ہے ۔ اسی لیے لکھنے والوں کو باہر سے درآمد کرنا پڑتا ہے ‘‘۔
میں نے کہا ’’ عوض سعید جیسے شخص پر لکھنے والوں کی کمی تو ہر دور میں رہے گی۔ اس کوتاہی کا تعلق حیدرآباد کے ادبی ماحول سے نہیں بلکہ خود عوض سعید کی ذات سے ہے ۔ ‘‘
بھلا بتایئے عوض سعید جیسے شریف، نیک اور پاک باطن آدمی کے بارے میں کوئی لکھے بھی تو کیا لکھے ۔ میں تو خاکہ اسی شخص کا لکھتا ہوں جس میں تھوڑی سی اوباشی ہو، عیّاری ہو، کچھ مکر ہو،کچھ فریب ہو، کچھ چھل ہو،کچھ کپٹ ہو، ہمارے دور کا آدمی اِن ہی باتوں سے آدمی بنتا ہے، شرافت سے نہیں ۔
عوض سعید سے میری ملاقات یا دوستی کم و بیش تیس برس پرانی ہے لیکن اس کے باوجود میری اور عوض سعید کی دوستی کبھی خود مکتفی نہ بن سکی۔ میری مراد یہ ہے کہ اس سے براہِ راست دوستی نہ ہو سکی۔ جب بھی اُس سے ملا کسی نہ کسی حوالے یا وسیلے سے ملا۔ عوض اکثر شاذ تمکنت کے ساتھ پایا جاتا تھا اور میں جب جب شاذ سے ملنے جاتا تو عوض سے ملاقات ہو جاتی تھی۔ ایک آدمی شاہ علی بنڈہ جانے کا قصد کرے تو راستہ میں چار مینار تو پڑے گا ہی۔ عوض سعید میرے لئے چار مینار ہی کی طرح ہے ۔ حیدرآباد میں برسوں رہنے کے باوجود آج تک میں چار مینار کے اندر نہ جا سکا نہ اس کے اوپر۔ اس لیے کہ میں جانتا ہوں کہ تاریخی عمارت کیسے پیدا ہوتی ہے اور شریف آدمی کیسے پیدا ہوتا ہے ۔ عوض سعید سے میری ملاقاتیں یا تو شاذ کے ہمراہ ہوئیں یا میرے اور عوض سعید کے مشترکہ دوست حفیظ قیصر کے ہمراہ۔
ایک زمانہ تھا جب مرحوم اورینٹ ہوٹل میں شاذ اور عوض ایک دوسرے کے سائے کی طرح ساتھ رہتے تھے ۔ دونوں کے ہاتھوں میں دو دو تین کلو گرام وزنی رسالے ہوتے تھے ۔ ان موٹے موٹے رسالوں کو ساتھ اٹھائے پھرنے کا تعلق بظاہر علم سے کم اور جسمانی ورزش سے زیادہ دکھائی دیتا تھا۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ دونوں ساتھ ساتھ رہنے کے باوجود تنہا بھی دکھائی دیتے تھے ۔ اورینٹ ہوٹل میں اکثر یہ الگ تھلگ بیٹھے رہتے تھے ۔ ان میں کیا تبادلہ خیال ہوتا تھا اس کا بھی پتہ نہیں چلتا تھا۔ خیال ہو تو تبادلہ بھی ہو۔ جب شاذ سے میری دوستی بڑھنے لگی تو ظاہر ہے عوض سعید سے بھی ملاقاتیں بڑھنے لگیں ۔ جب شاذ سے میری بے تکلفی بڑھی اور فقرہ بازی کی راہ نکل آئی تو دیکھا کہ عوض کے پاس حس مزّاح بھی ہے۔ ہم دونوں میں جب نوک جھونک چلی تھی تو عوض سعید کا ہنسی کے مارے برا حال ہو جاتا تھا۔ کبھی کبھی عوض سعید مجھ سے کہتا’’ یار تم بعض اوقات ٹو مچ کر دیتے ہو‘‘۔ اور میں کہتا۔ ’’عوض میں تو تھری مچ کرنا چاہتا ہوں اور تم ٹو مچ کو ہی ہضم نہیں کر سکتے ‘‘۔ نہ جانے کیوں مجھے عوض سعید کی ہنسی اچھی لگتی تھی۔ اس لیے میں جان بوجھ کر ایسی باتیں کرتا تھا جن سے عوض سعید ہنستا ہی چلا جائے ۔ عوض سعید کو ہنسنے کا اتنا شوق نہیں تھا جتنا کہ مجھے اسے ہنستے ہوئے دیکھنے کا شوق تھا۔ عوض کی ہنسی میں ایک ایسی روانی اور سلاست ہے کہ اُس کی ہنسی ایک اسلوب کی طرح نظر آتی ہے ۔ میں بھی شاذ سے کہتا۔ ’’ یار عوض کی ہنسی میں جو روانی اور سلاست ہے اگر وہ اس کی کہانیوں میں بھی آ جائے تو کیا کہنے ۔ ‘‘کبھی عوض سے کہتا۔ ’’یار ! یہ کیا تم شاذ کے سیٹیلائیٹ بنے پھرتے ہو، شاعری کو میں مفت خوری سمجھتا ہوں ۔ چار پانچ غزلیں کہہ لیں اور مشاعروں کو لوٹنا شروع کر دیا۔ اصل اہمیت تو نثر نگاری کی ہے ۔ شاذ تمہاری طرح نثر لکھ کے دکھا دے تو مانوں ‘‘۔ میری پوری کوشش یہ ہوتی تھی کہ عوض اور شاذ میں کسی نہ کسی عنوان، کبھی نہ کبھی کوئی جھگڑا ضرور ہو۔ مگر ان دونوں میں دوستی کا ایک ایسا اٹوٹ معاہدہ تھا کہ نہ شاذ نے کبھی نثر لکھی اور نہ ہی عوض نے کبھی شعر کہا۔ مفادات کا ٹکراؤ نہ ہو تو دوستی کی جڑیں اسی طرح مضبوط ہو جاتی ہیں ۔ اگرچہ آج ہمارے اندر جلنے والے شعلوں کی لویں دھیمی ہو چکی ہیں، مگر پچیس تیس برس پہلے کوئی بات ایسی نہ تھی، کوئی موضوع ایسا نہیں تھا جس کی طرف ہم نہ لپکتے ہوں میں اپنے پرانے دوستوں کو اب بے بس، مضمحل، نڈھال اور پژ مردہ پاتا ہوں تو کوئی حیرت نہیں ہوتی۔ وقت کے چاک پر آدمی بالآخر اس طرح کا کھلونا بن جاتا ہے ۔
بارِ الم اٹھایا، رنگِ نشاط دیکھے
آئے نہیں ہیں یوں ہی انداز بے حسی کے
۱۹۴۹ء؁ میں عوض سعید کی کہانیوں کا پہلا مجموعہ ’’ سائے کا سفر ‘‘ چھپ کر آیا تو دوستوں میں اس پر طرح طرح کے تبصرے ہوئے ۔ کسی نے کہا یہ شاذ کے سائے کا سفر ہے ۔ کسی نے کہا یہ ہمسائے کے سائے کا سفر ہے ۔ عوض نے بڑے پیار سے اپنی پہلی کتاب مجھے دی تھی۔ کچھ کتابیں ایسی ہوتی ہیں جو ہاتھوں ہاتھ لی جاتی ہیں لیکن اب اردو میں کتابیں ہاتھوں ہاتھ دی جاتی ہیں ۔ اس وقت تک عوض سعید افسانہ نگار کی حیثیت سے سارے برّ صغیر میں جانا اور پہچانا جاتا تھا۔ مجھے یاد ہے کہ اس کتاب میں تزئین کے نام پر ایک افسانے کی کتابت کچھ اس طرح کرائی جاتی تھی کہ آدمی کو کئی کئی پوز بدل کر اس افسانہ کو پڑھنا پڑتا تھا۔ اس افسانے کو پڑھنے میں ذہنی ورزش کم اور جسمانی ورزش زیادہ کرنی پڑتی تھی۔ ایک بار میں نے عوض سے کہا تھا۔ ’ اگر کوئی آدمی اس افسانہ کو صبح میں روزانہ پانچ مرتبہ پڑھے تو اس سے اس کی صحت بھی خراب نہیں ہو گی۔ صحت مند ادب کی اس سے بہتر کوئی اور مثال نہیں ہو سکتی۔ عوض نے نہایت سنجیدگی کے ساتھ میرے تبصروں کو داد کے طور پر قبول کیا تھا اور وعدہ بھی کیا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے صحت مند افسانے لکھتا رہے گا۔
عوض کم گو، کم آمیز شخص ہے لیکن کسی سے دوستی کرتا ہے تو اسے نبھانا بھی جانتا ہے ۔ افسانہ نگار کی حیثیت سے وہ مجھے بہت پسند ہے ۔ اپنے ابتدائی افسانوں میں اُس کی کوشش یہ ہوتی تھی کہ قاری کو چونکایا جائے ۔ چار پانچ سال پہلے اس کا ایک افسانہ پڑھ کر میں سچ مچ چونک گیا تھا۔ کیونکہ اس میں اُس نے قاری کو بالکل نہیں چونکایا تھا۔ اس چونکنے پر مجھے ایک بات یاد آ گئی۔ کوئی بیس برس پہلے حفیظ قیصر نے ایک دن مجھے فون کر کے کہا۔ ’’ فوراً چلے آؤ، مجھے عوض سعید کی ایک کہانی پڑھنی ہے ۔ ذرا میری مدد کرو۔ میں نے کہا۔ ’’ جو چیز تمھاری سمجھ میں نہیں آتی اسے کیوں پڑھتے ہو۔ ویسے عوض تمھارے محلے میں ہی رہتے ہیں، انہی سے کہانی بھی سمجھ لو۔
حفیظ قیصر نے کہا ’’ یار عوض کی کہانی خود عوض کی سمجھ میں کہاں آتی ہے ؟ میں تو ایک اور سلسلے میں تمھاری مدد چاہتا ہوں ۔ ‘‘ میں نے پوچھا ’’کیسی مدد؟‘‘
بولا۔ ’’ میں کہانی پڑھتا رہوں گا۔ تم مجھے مضبوطی سے پکڑے رہو تاکہ میں کہیں چونک نہ جاؤں ۔ یار یہ عوض چونکاتا بہت ہے ۔ اکیلا اور نہتّا آدمی تو اس کی کہانی پڑھ ہی نہیں سکتا۔ ‘‘ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ مغنی تبسم کے زیر اثر عوض نے قارئین کو چونکانے کا سلسلہ ترک کر دیا ہے ۔ چاہے کچھ بھی ہو۔ عوض اب کہانیوں کو کہانی کی طرح لکھنے لگا ہے ۔
جب سے میں دہلی گیا ہوں، عوض سے سال میں دو ایک مرتبہ ہی ملاقات ہوتی ہے ۔ وہ اکثر شکایت کرتا ہے کہ ’’ یار تم حیدرآباد آتے ہو اور دوستوں سے ملے بغیر چلے جاتے ہو۔ ‘‘
میں کہتا ہوں ۔ ’’ عوض : ادب سے قریب رہنے کے لیے میں اب ادیبوں سے دور رہنے کو ضروری سمجھنے لگا ہوں ۔ ‘‘ پچھلے دو تین برس سے عوض کا تقاضا ہے کہ ’’ میں صرف اس کے لیے تین چار گھنٹوں کا وقت نکالوں تاکہ وہ مجھ سے بات چیت کر کے میرا خاکہ لکھ سکے ۔
میں کہتا ہوں ’’ یار! خاکہ ایسی چیز نہیں ہے کہ تم جس کا خاکہ لکھ رہے ہو اس سے بات چیت بھی کرو۔ خاکہ نگاری سے میرا بھی جائز یا ناجائز سا تعلق ہے ۔ جس کا خاکہ لکھتا ہوں اس سے خاکہ لکھنے سے پہلے بات چیت نہیں کرتا۔ یہ اور بات ہے کہ خاکہ لکھنے کے بعد اس سے بات چیت خود بخود بند ہو جاتی ہے ‘‘۔
عوض کہتا ہے ’’ نہیں یار! خاکہ AUTHENTIC ہونا چاہیے ۔ ‘‘
میرا جواب ہوتا ہے ۔ ’’ اور اگر تم جس کا خاکہ لکھ رہے ہو وہ آدمی ہی AUTHENTICنہ ہو تو۔ ‘‘
عوض جھنجھلا کر کہتا ہے ۔ ’’تم فضول بحث کرنے لگ جاتے ہو۔ تم میں اب تک سنجیدگی اور بردباری نہیں آ سکی‘‘۔
عوض سعید کے خاکے میں نے نہایت ذوق و شوق کے ساتھ پڑھے ۔ اس کتاب میں شامل اکثر خاکے میں نے بہت پہلے پڑھے تھے بلکہ میں نے ان خاکوں کو اُس وقت پڑھا تھا جب عوض نے انھیں لکھا بھی نہیں تھا کیونکہ عوض نے جن شخصیتوں کے خاکے لکھے اُن سے میرے بھی مراسم رہے ہیں بلکہ پانچ تو ایسی شخصیتیں بھی ہیں جن کے خاکے میں نے بھی لکھے ہیں ۔ اب عوض کے لکھے ہوئے خاکوں کا اپنے لکھے ہوئے خاکوں سے تقابل کرتا ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ عوض سچ مچ AUTHENTIC خاکے لکھتا ہے ۔ اس کے تین خاکے جو وحید اختر، عالم خوند میری اور اوم پرکاش نرمل سے متعلق ہیں وہ بے حد اچھے اور AUTHENTIC ہیں ۔ عوض نے جس راست بازی کے ساتھ یہ خاکے لکھے ہیں اُس پر رشک آتا ہے ۔ عوض کے خاکے پڑھ کر مجھے یہ اندازہ بھی ہوا کہ ایک ہی شخص کے بارے میں دو خاکہ نگاروں کا رویّہ کتنا مختلف ہوتا ہے ۔ عوض سعید نے شہر یار کے خاکے میں لکھا ہے کہ ’’ شہر یار یاروں کا یار ہے اور دشمنوں کیلیے اُپی ہوئی تلوار بھی۔ وہ آپ کو تباہی کے آخری دہانے پر پہنچا کر خدا حافظ بھی کہہ سکتا ہے اور آپ کو سمندر میں ڈوبتا ہوا دیکھ کر چھلانگ بھی لگا سکتا ہے ۔ شہر یار کے بارے میں عوض سعید کی یہ رائے میرے لیے سچ مچ ایک انکشاف سے کم نہیں ۔ میں نے بھی شہر یار کا ایک خاکہ لکھا ہے مگر شہر یار کی شخصیت کے اس گوشے کی طرف میری نظر نہیں گئی۔ شہر یار میرا بھی قریبی دوست ہے ۔ اگر چہ وہ علی گڑھ میں رہتا ہے، لیکن ہم دونوں ہر مہینے ملنے کا کوئی نہ کوئی بہانہ ڈھونڈ لیتے ہیں ۔ یا تومیں علی گڑھ جاتا ہوں یا شہر یار دہلی آ جاتا ہے ۔ دس برس سے یہ سلسلہ جاری ہے ۔ اتنی رفاقت کے باوجود مجھے شہر یار کی شخصیت میں پوشیدہ اُپی ہوئی تلوار نظر نہ آ سکی۔ وہ تو بے حد مرنجان مرنج، بے ضر ر اور بے نیاز سا آدمی ہے ۔ چار پانچ دن پہلے شہر یار واشنگٹن سے دہلی واپس پہنچا تو میں نے کہا۔ ’’ یار شہر یار تمہاری وہ اُپی ہوئی تلوار کہاں ہے ؟۔
شہر یار نے کہا’’ بھئی کیا بتاؤں ۔ میں نے جس ایرلائنس میں سفر کیا تھا اُس نے بڑی گڑبڑ کر دی۔ میرا سامان کسی اور جہاز میں سوار کروا دیا اور مجھے کسی اور جہاز میں بٹھا دیا۔ میرا سامان تو میرے ساتھ آیا ہی نہیں ۔
میں نے کہا۔ تو کیا تم نے واشنگٹن میں کوئی تلوار بھی خریدی ہے ۔ اگر ایسا ہے تو کسٹم والوں کے ہاتھوں تمھاری خیریت نہیں ہو گی۔ شہر یار نے کہا۔ ’’میں تو اپنے سارے سامان کو رو رہا ہوں اور تم نے تلوار ولوار کی رٹ لگا رکھی ہے،میرا تلوار سے کیا تعلق،میں تو طاؤس ور باب اوّل شمشیر د سناں آخر کا قائل ہوں، یہ تمھیں کیا ہو گیا ہے ۔ ‘‘
میں نے عوض سعید کا خاکہ اسے پڑھاتے ہوئے کہا۔ ’’ میں تم سے سخت ناراض ہوں ۔ اتنی دوستی اور رفاقت کے باوجود تم نے اپنی تلوار عوض سعید کو تو دکھا دی اور مجھے نہیں دکھائی۔ ‘‘
شہر یار نے ہنس کر کہا ’’جس کو جو چیز دکھانی ہوتی ہے وہی اس کو دکھاتا ہوں۔ ‘‘ میں نے شہر یار سے کہہ رکھا ہے کہ چاہے کچھ ہو، میں تمہاری تلوار دیکھ کے رہوں گا اور شہر یار نے بھی وعدہ کیا ہے کہ واشنگٹن سے جب اس کا سامان آ جائے گا تو تلوار دکھا دے گا۔
عوض سعید سے مجھے صرف ایک شکایت یہ ہے کہ اس نے شاذ تمکنت کا کوئی خاکہ نہیں لکھا۔ میں نے ایک صاحب سے اس کمی کا ذکر کیا وہ بولے بھئی! عوض نے شاذ کا خاکہ اس لیے نہیں لکھا کہ وہ شاذ کو بہت اچھی طرح جانتا ہے ۔ ‘‘
بہرحال میں عوض سعید کو ان خاکوں کی اشاعت پر مبارکباد دیتا ہوں کہ اس طرح حیدرآباد کی بعض ایسی شخصیتیں اس کتاب میں محفوظ ہو گئی ہیں جن سے حیدرآباد جانا اور پہچانا جاتا ہے ۔
(عوض سعید کے خاکوں کے مجموعے ’’خاکے ‘‘ کی رسمِ اجراء کے موقعے پر پڑھا گیا)
***
 
عوض سعید کے خاکے

مشفق خواجہ

شخصی خاکہ نگاری ایک مشکل فن ہے۔ یہ غزل جیسی صنفِ ادب نہیں کہ ردیف و قافیہ کے گلدان میں پامال مضامین کو کاغذی پھولوں کی طرح سجا دیا جائے۔ یہ نثری نظم بھی نہیں کہ لفظوں کو ان کے معمول سے جدا کر کے چھوٹی بڑی سطروں میں دفن کر دیا جائے۔ یہ علامتی افسانہ بھی نہیں کہ نثری نظم والوں کے دفن کردہ الفاظ کو جھاڑ کر دوبارہ صفحۂ قرطاس پر بکھیر دیا جائے۔ یہ جدید سفر نامہ بھی نہیں کہ سفر نامہ نگار خود تو ایر ہوسٹوں کے نرغے میں پرواز کرتا رہے اور بے چارہ قاری حیرت و استعجاب کی وادیِ پر خار میں پیدل چل چل کر اپنے تلوے لہو لہان کرے۔

شخصی خاکہ نگاری کے لیے چار چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ سب سے پہلے تو ایسی آنکھ چاہیے جو کسی شخص کے ظاہر و باطن کا مشاہدہ کر سکے۔ پھر وہ بصیرت چاہیے جو ان عوامل کا تعین کر سکے جو کسی شخصیت کی تعمیر میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ تیسری چیز حقیقت بیانی ہے یعنی موضوع کو اسی طرح پیش کیا جائے جیسا وہ ہے، نہ کہ لکھنے والا اپنی منشا کے مطابق اس کے خد و خال سنوارے یا بگاڑے۔ چوتھی اور سب سے اہم چیز یہ ہے کہ خاکہ نگار کو لکھنے کا فن آتا ہو۔ وہ کم سے کم لفظوں میں زیادہ سے زیادہ معانی پیش کرنے کے ہنر سے واقف ہو۔ ہمارے بہت کم خاکہ نگار ان چار شرائط کو پورا کرتے ہیں۔ اگر کسی کے پاس مشاہدہ ہے تو اسے یہ معلوم نہیں کہ اسے کس طرح پیش کیا جائے۔ یا پھر اکثر خاکہ نگاروں نے یہ فارمولا بنا رکھا ہے کہ موضوع کی خوبیوں کے ساتھ دو چار خامیاں بھی بیان کر دی جائیں تاکہ توازن برقرار رکھا جا سکے۔ بعض توازن کے قائل نہیں، وہ موضوع کو ہیرو بنا کر پیش کرتے ہیں اور بعض خاکہ نگار اپنی ذات کو اس حد تک نمایاں کرتے ہیں جیسے وہ کسی اور کا خاکہ نہیں لکھ رہے، بلکہ اس سے اپنا خاکہ لکھوایا اڑوا رہے ہیں۔

لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اردو میں اچھے خاکے نہیں لکھے گئے ہیں اور خاصی تعداد میں مثلاً ڈیڑھ سال میں کم از کم دو مجموعے ضرور ایسے شائع ہوئے ہیں جن میں اچھے خاکے، خراب خاکوں کی نسبت زیادہ ہیں۔ ان میں سے ایک مجموعہ پاکستان میں شائع ہوا ہے اور دوسرا ہندوستان میں۔ پاکستانی مجموعہ بزرگ افسانہ نگار ممتاز مفتی کا ہے ’اَوکھے لوگ’‘ (پنجابی لفظ ہے جس کا مطلب ہے ’’مشکل’‘) ہندوستانی مجموعے کا نام ’’خاکے’‘ ہے اور اس کے مصنف ہیں عوض سعید۔

ممکن ہے عوض سعید کا نام ہمارے بعض پڑھنے والوں کے لیے نیا ہو لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیوں کہ بعض پڑھنے والوں کے لیے غالب کا نام بھی نیا ہوتا ہے۔ غالب کا تعارف نامہ تو ہم پھر کبھی پیش کریں گے، فی الحال عوض سعید کے بارے میں عرض ہے کہ وہ خاصے پرانے اور اہم افسانہ نگار ہیں۔ پاکستانی رسالوں خصوصاً میرزا ادیب کے زمانے کے ’’ادب لطیف’‘ میں ان کی کئی کہانیاں شائع ہو چکی ہیں۔ اب تک ان کے افسانوں کے چار مجموعے منظر عام پر آ چکے ہیں جنھیں ادبی حلقوں میں بے حد سراہا گیا ان چار مجموعوں کو ہندوستان کی مختلف اردو اکیڈیمیوں کے انعامات بھی مل چکے ہیں۔ یہ بات ہم نے قیاساً لکھی ہے۔ ہمارا قیاس اس لیے غلط نہیں ہو سکتا کہ ہندوستان میں اردو کتابوں پر کثرت سے انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ آخر میں ان کتابوں کی باری آتی ہے جو ابھی بطن مصنف میں ہوتی ہیں۔ اس کے بعد بھی گنجائش رہ جائے تو کتابوں کے بجائے افراد کو تختۂ مشق بنایا جاتا ہے، جیسے حال ہی میں مجوزہ عالمی اردو کانفرنس کی طرف سے ڈاکٹر گوپی چند نارنگ اور بعض دوسرے ادیبوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس انعام کی خوبی یہ ہے کہ لینے والے ہی نہیں دینے والے بھی ڈاکٹر گوپی چند نارنگ ہیں اس لیے وہ دوہری مبارک باد کے مستحق ہیں۔

آیئے اب اصل موضوع کی طرف لوٹیں۔ اگر ادھر ادھر کی باتوں کا سلسلہ کچھ دیر اور چلتا رہا تو ڈر ہے کہ کہیں عوض سعید کی کتاب ’’خاکے’‘ پر بھی کسی انعام کا اعلان نہ ہو جائے۔ لہٰذا انعام ملنے سے پہلے اس کتاب پر اظہار کر لیا جائے تو بہتر ہے ورنہ بعد میں کسی کو اس کتاب میں کوئی خوبی نظر نہیں آئے گی۔ اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں شخصیات کے حوالے سے حیدرآباد دکن کی ثقافتی فضا اور ادبی ماحول کی تصویر کشی کی گئی ہے۔ ہم نے تو حیدرآباد دکن کو مرزا ظفرالحسن مرحوم یا پھر خواجہ حمیدالدین شاہد کے حوالے سے دیکھا ہے۔ مرزا صاحب نے حیدرآباد کی تہذیبی زندگی پر بہت سی یادگار تحریریں چھوڑی ہیں۔ خواجہ حمیدالدین شاہد کو خدا سلامت رکھے کہ حیدرآبادی تہذیب کا چلتا پھرتا نمونہ ہیں۔ اس شہر بے مثال کے بارے میں اب عوض سعید نے ہماری معلومات میں اضافہ کیا ہے۔ ان کی کتاب پڑھتے ہوئے یہ احساس ہوتا ہے کہ قاری اپنے کلبۂ احزاں سے دور، حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی گلیوں کوچوں اور ادبی محفلوں کی سیر کر رہا ہے۔ کہیں کسی ہوٹل میں ادیب جمع ہیں اور کہیں کسی قیام گاہ پر محفل گرم ہے۔ غرض ہر طرف گہما گہمی دکھائی دیتی ہے اور زبان بھی وہی سنائی دیتی ہے جو حیدرآباد میں بولی جاتی ہے۔

عوض سعید نے جن لوگوں کے خاکے لکھے ہیں ان میں بیش تر ادبی شخصیات ہیں۔ مثلاً مخدوم محی الدین، ابراہیم جلیس، عالم خوندمیری، سلیمان اریب، قاضی سلیم، اقبال متین، مغنی تبسم، جیلانی بانو، عزیز قیسی، وحید اختر وغیرہ۔ ہم نے ان ادیبوں کے صرف نام سنے تھے، اب عوض سعید کی مہربانی سے انھیں ذرا قریب سے دیکھنے کا موقع ملا تو جی خوش ہوا۔ بعض بالکل نئی اور دل چسپ باتیں بھی معلوم ہوئیں مثلاً:

مخدوم محی الدین: طبعاً بڑے سادہ مزاج تھے۔ چناں چہ جب کبھی ان کی چیزیں رسائل کی زینت بنتی تھیں تو وہ بلا جھجھک بک اسٹال پر جا کر سارے پرچے خرید لیتے۔ ایسے وقت وہ بڑے معصوم لگتے۔ یہ معصومیت ہی دراصل ان کی شخصیت کی سب سے بڑی پہچان تھی۔ مخدوم عرب نژاد تھے۔ ان کا خاندانی نام ابوسعید محمد مخدوم محی الدین حضرمی تھا۔ عربوں کی بے پناہ خوبیوں کے ساتھ ان کی ذات میں چند کمزوریاں بھی در آئی تھیں۔۔۔ ان کے جذباتی ہونے کا عکس جا بجا ان کی پر جوش تقریروں میں کہیں نہ کہیں عیاں ہو جاتا تھا۔ تنقید سننے یا سہنے کا حوصلہ ان کی ذات میں ذرا کم کم ہی پایا جاتا تھا۔ وہ (کمیونسٹ) پارٹی سے کچھ اتنے جڑے ہوئے تھے کہ ذرا بھی کسی نے ایک چبھتا ہوا جملہ کسا تو آپے سے باہر ہو گئے، پھر انھیں لاکھ سمجھائیں وہ اکھڑ سے جاتے تھے۔ مجھے اورینٹ کی وہ سلگتی شام آج بھی یاد ہے جب انھوں نے غصے کے عالم میں اپنے ہی ایک ساتھی کے گال پر طمانچہ جڑ دیا تھا۔

قاضی سلیم: جس زمانے میں وہ اورنگ آباد میں وکالت کیا کرتے تھے، ان ہی دنوں اتفاق سے انور معظم سے ان کی مڈ بھیڑ ہو گئی۔ ادھر ادھر کی باتوں کے بعد جب انور نے ان سے پوچھا کہ وہ وکالت کیسی چل رہی ہے، آج ہی ایک آدمی کو چار سال قید کروا دی ہے، پھر انور نے پوچھا، وکیل کون تھا، تو انھوں نے کہا میں تھا۔ انور نے حیرت سے پوچھا، چار سال کی سزا کیسے ہو گئی؟ انھوں نے جواب دیا، چار سال سے زائد ہو ہی نہیں سکتی تھی۔’‘

مغنی تبسم: انھوں نے اپنے لیے ایک شیڈول بنا لیا ہے جو ہر سال تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ کبھی شاذ کو فیض پر فوقیت دے دی تو کبھی دبلے پتلے مصحف اقبال کو اچانک پہلوانوں کے اکھاڑے میں کھڑا کر دیا۔ کبھی ایک کا ہاتھ تھاما تو کبھی دوسروں کا گریبان چاک کیا۔ کبھی کھائی میں گرے ہوئے کسی ادھ موئے شاعر کو آواز دی تو دوسری طرف خاصے بھلے شاعر کو کنویں میں ڈھکیل دیا۔’‘

وحید اختر: ’اپنے آگے دوسروں کو ہیچ اور حقیر سمجھنے کا جذبہ وحید کے خمیر میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ اس کے ثبوت کے لیے کبھی آپ سے مل کر دیکھیے۔ وہ مصافحہ کے دو منٹ بعد ہی فقرہ بازی پر اتر آئے گا۔ پہلے آپ کو خاص انداز سے دیکھے گا۔ پھر مسکرائے گا (اگر آپ شاعر ہیں، اسے اپنا مجموعہ پیش کریں گے تو وہ کہے گا) ہم نے آپ کا مجموعہ با دلِ نخواستہ پڑھا ہے۔ ہمارا خیال ہے بعض کتابوں کی عدم اشاعت ہی میں ادب کی خدمت کا پہلو نمایاں ہوتا ہے۔ آپ کی کتاب بھی اس زمرے میں آتی ہے، آپ نے اپنی اوقات سے کہیں زیادہ پیسہ فضول اس مجموعے میں لگا دیا۔ بہتر ہوتا کہ آپ اپنے لیے کچھ نئے کپڑا سلوا لیتے۔

اگر کوئی اس سے کہے کہ وحید اختر ہم نے آپ کا شعری مجموعہ خریدا ہے اور آج کل وہی زیرِ مطالعہ ہے۔ اس پر وہ خوش نہیں ہوگا کہ ایک کتاب فروخت ہو گئی اور نہ اس بھلے مانس سے وہ اپنی نظموں اور غزلوں کے متعلق پوچھے گا۔ اس کا جواب تو یہی ہوگا کہ آپ نے خواہ مخواہ ہمارا مجموعہ خریدنے کی حماقت کی۔ ہماری شاعری آپ کے پلے پڑنے سے تو رہی۔’‘

٭ ٭ ٭

تشکر: منصف، حیدر آباد

***   عوض سعید کی کہانی’’ چھلاوے ‘‘

قوی سیف

’’پوسٹ مین کی مانوس آواز‘‘ سے کہانی شروع ہوتی ہے جو ایک خط اُس کے نام دے جاتا ہے جس پر پتہ تو صحیح ہوتا ہے پر نام کسی اور کا .......... وہ پوسٹ مین کو آواز دیتا ہے مگر وہ ایک چھلاوے کی طرح نکل جاتا ہے .... (پوسٹ مین اور نام ’’متحرک‘‘ پوسٹ باکس اور پتہ ’’جامد‘‘)۔ یہاں لفظِ شام بھی بڑا معنی خیز ہے ۔ نرم اور دبیز آواز کا سنگم،آواز کا مثبت اور منفی پہلو ۔ ۔ ۔ اِس کے ساتھ ہی اس کہانی کے کردار کو ایسا لگتا ہے جیسے وہ اپنے آپ کو ہلکا پُھلکا محسوس کر رہا ہو۔ دوسرے ہی لمحے اُسے خیال آتا ہے کہ اس کا یہ عمل اس کے مفاد میں نہیں ا س نے جلد بازی سے کام لیا۔ پتہ تو اُسی کا تھا یعنی وہ پیغام اُس کی مکانی کیفیات سے منسلک تھا۔ ’’نام‘‘ (نام ایک صوتی اسٹرکچر ہے، ہم کسی بھی شے کو کسی نام سے نشان زد کرتے ہیں تو اُس کی کوئی معقول وجہ نہیں ہوتی۔ نام کچھ بھی رکھا جا سکتا ہے یہ اور بات ہے کہ کثرت استعمال سے وہ نام اُس شے کی شناخت بن جائے ۔ شناخت نہیں ۔ اُس شے سے اُس کا ربط قائم ہو جائے ۔ کسی لفظ کے کوئی معنی نہیں ہوتے۔ اگر ہم کسی سے ’’مشکل‘‘ کے معنی پوچھیں تو وہ ’’دشوار‘‘ کہہ دے گا۔ دشوار، مشکل کا معنی نہیں وہ بذاتِ خود ایک لفظ ہے ۔ لفظ صرف اشارے ہوتے ہیں اور اُن سے جو معنی پھوٹتے ہیں وہ صرف ایک ربط ہے (ہمارے اور ان اشیاء کے درمیان جن سے اُنھیں نامزد کیا گیا ہے )۔ وہ کہتا ہے کہ نام میں کیا دھرا ہے ! نام تو ایک نشان ہے، شناخت نہیں ۔ شناخت کا ایک زینہ ہے ۔ ہم پتھروں کے ایک پھیلاؤ اور رفعت لیے یکتا ڈھیر کو ایک نام سے پکارتے ہیں ۔ ’’کوہ‘‘ ’’پہاڑ‘‘ اسے کسی اور نام سے بھی پکاریں تو اس کے وجود میں کوئی فرق نہیں آئے گا ۔ اصل پہاڑSIGNIFIED اور لفظ ’’پہاڑ‘‘ یا لفظ ’’کوہ‘‘ SIGNIFIED ان دونوں میں ربط ہمارے ذہنی افق پر قائم ہوتا ہے ۔
وہ کہتا ہے ۔ وہ اسے بھی کھو دے تو باقی صرف اس کا چہرہ رہ جاتا ہے۔ پھر کہتا ہے چہرہ ہی تو اپنی شناخت ہے ۔ نام تو ہاتھ باندھے اپنے پیچھے چلتا ہے ۔ یہاں وہ گڑبڑا جاتا ہے مگر صرف ایک لمحے کے لیے کیونکہ وہ رشتے جو ہم نے قائم کیے اُن میں بھونچال سا آ گیا ہے ۔
’’ارے فہیم۔ کسی نے ہجوم میں سے آواز لگائی۔ آواز کے دوش پر اڑتا ہوا جب و ہ اُس کے قریب پہنچا تو وہاں دو اجنبی آپس میں گلے مل رہے تھے ‘‘۔ آواز ہر لفظ کی بنیاد ہے جس سے ایک معنوی کائنات جنم لیتی ہے اور اس کا پھیلاؤ اس کی ترسیل و ابلاغ پر دال ہے۔ اسی لیے وہ یہ محسوس کرتا ہے کہ جس سے وہ گلے مل رہا ہے وہ کوئی اور نہیں وہ خود ہے،مگر اسکا چہرہ؟یعنی تبلیغ و ارسال کا کرب!اب وہ کہانی کو اپنی مخصوص زبان کے ابہام سے بیان کرتا ہے ۔ عوض کا ابہام اس کا ایجاز و اختصار ہے ۔ اس کے لفظ و معنیٰ ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہوتے ہیں ۔ اُس کے جملوں کی بنّت سے جو شعاعیں پھوٹتی ہیں اس کے موڈ اور اس کے اپنے وجود کی غمّازی کرتے ہیں ۔ اُس کا ابہام اپاہج لفظوں ، گونگی معنویت یا خوبصورت لفظوں سے نہیں پیدا ہوتا ۔ یعنی معدے کی خرابی سے بے ربط خوابوں کا سلسلہ نہیں ہوتا ۔ عوض سعید اپنی کہانی میں بہت ہی با شعور قلم کار دکھائی دیتا ہے ۔ اُس کی زبان بندھے ٹکے معنیٰ کی حسابی یا سائنسی زبان نہیں، تخلیقی زبان ہے ۔
’’دو آدمی آپس میں گتّھم گتّھا ہو رہے تھے ۔ دونوں کے جسم سے خون کی سرخ سرخ بوندیں ٹپک رہی تھیں، مگر لوگوں کے مشاغل میں کوئی کمی نہ آئی تھی۔ اپنا بھائی مر رہا ہے، ارے کوئی اُسے بچاؤ، ان کی بربریت، اپنے عدم تحفظ کا خوف، یہ سب شناخت کے زینے ہی ہیں مگر اکھڑے اکھڑے سے ۔ یہاں مزے کی بات یہ ہے کہ وہ کہتا ہے کہ وہ خود ایک بہت بڑا تماش بیں تھا۔ اور اس کے ساتھ ہی اس کا ذہن اپنے عزیز و اقارب کی طرف چھلانگ لگاتا ہے جنھیں وہ دنیا کی روایت کے مطابق قبر میں پھینک آیا تھا۔ وہ مرنے والوں کی ایک فہرست بناتا ہے جسے دیکھ کر وہ اپنی عمر کا اندازہ کرتا ہے ۔ یعنی عدم سے وجود کا اثبات۔ پھر چپکے سے اس فہرست میں اپنا نام بڑھا دیتا ہے، لیکن بڑی جہد کے باوجود اس کا نام اپنا نام کہیں دکھائی نہیں دیتا۔ یہ ایک نیک فال ہونے کے باوجود اس کے لیے تکلیف وہ ہوتا ہے کیونکہ انسان کو اپنا ہونا پسند ہے چاہے وہ اُسے موت کے دہانے پر پہنچا دے ۔ ایک سائنس داں ایک عمر صَرف کر کے بڑی کدو کاوش کے بعد ایک نہایت مہلک مرض کی دوا ایجاد کرے اور جب وہ اپنی دوا لے کر بازار میں آئے تو اُسے پتہ چلے کہ یہ مرض تو دنیا سے کب کا جا چکا ہے تو اُسے خوشی نہیں ہو گی کہ چلو ایک مہلک مرض سے دنیا کو چھٹکارا ملا بلکہ اُسے کوفت ہو گی ۔ ایک اذیت ناک کوفت کہ اُس کی برسوں کی محنت اکارت گئی۔ عوض نے فنا کے المیہ کو پیش کر کے انسان کی اِس جبلّت کو ایک چابک استعارے سے ہم آہنگ کیا ہے ۔
پھر اُسے ایسا لگتا ہے کہ لوگ اُسے دفنا کر بغیر کسی تاثر کے لوٹ رہے ہیں تو یک گونہ سکون محسوس ہوتا ہے ۔ وہ اپنے آپ کو بہلاتا ہے کہ میں خود بھی تو یہی چاہتا تھا کہ میری موت کسی کے لیے اداسی کا سبب نہ بنے پر یہ خواب ٹوٹ کر اُس کے نکاس کے راستے کو منقطع کر دیتا ہے ۔ وہ اپنی جڑوں میں لوٹ آتا ہے ۔ میں ہوں اپنے شکست کی آواز!
پر اُسے اپنی عدم شناخت کا کرب گھیرے رہتا ہے ۔ اُسے اپنی بیوی کا لمس بھی یوں لگتا ہے جیسے اُس نے دوبارہ جنم لیا ہو۔ اُسے اپنے مہمان اجنبی دکھائی دیتے ہیں، لیکن اُن کا پُر توقیر رویہ اُسے اچنبھے میں ڈال دیتا ہے ۔ پھر اُسے وہ سب ایسے دکھائی دیتے ہیں ہیں جیسے وہ اپنا وجود نہ رکھتے ہوں ۔ ترسیل و ابلاغ سے محروم گونگی شخصیتیں ! ا س کا لائف پارٹنر اُسے کہتا ہے کہ وہ سائے نہیں پیکر تھے ۔ متحرک پیکر! اور جب اُس کی نظر خالی پیالیوں پر پڑتی ہے تو وہ حیران رہ جاتا ہے پھر سوچتا ہے کہ اُن کی آمد کا مقصد کیا تھا۔ کوئی سبب کوئی وجہ اُس کے دھیان میں نہیں آتی تو وہ جھنجھلا جاتا ہے ۔ ایک بے نام شخص کا داخلہ کہ وہ کوئی عام لوگ نہیں معلوم ہوتے تھے ۔ اپنی نگاہ ظواہر سے ہٹا کر TV پر ڈالی تو وہ اُس کی بیوی تھی جو ایک سوالیہ علامت کی طرح اس کے آگے گھڑی تھی۔ پھر اُس کی نظر متحرّک عکسوں کی طرف لوٹ آئی۔ وہی گھساپٹا سا تسلسل! وہ اُکتا کر خود کو ایک سنسان راہ پر ڈال دیتا ہے (یہ سفر داخلی ہے ) جب اُس کی شریک حیات نے خود کو رسان سے سمیٹ لیا تو وہ دنیا کی ہماہمی کی طرف چپکے سے نکل پڑا۔ اب وہ تھکا ماندہ سڑک پر چل رہا تھا جو انسانوں اور اُن کی جدوجہد سے اٹی تھی۔
’’شام نے اپنے بادبان کھول رکھے تھے اور ہوائیں سائیں سائیں کرتی ہوئی جیسے چیخ رہی تھیں ۔ ‘‘
’’انسانی قافلے ایک سمندر، شام، کشتی، ہوائیں یعنی خواہشوں کی چیخ پکار‘‘۔ وہ اپنے آپ کو خود سے الگ نہیں کر سکتا،اُس کے ماتھے پر ایک بوند چمک اُٹھتی ہے پھر اُس کا ذہن اُن لوگوں کی طرف جاتا ہے اور سوچتا ہے کہ اُن کی آمد کا کیا مقصد تھا۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ لوگ آئے ہی نہ ہوں لیکن یہ خیال اُس کے ذہن میں ٹھہر نہیں پاتا۔ اُس کی وجہ یہ ہے کہ اُن لوگوں نے اُس کے وجود کو تسلیم کیا تھا۔ پھر کہانی آہستہ آہستہ اختتام پر یا شروعات پر آتی ہے ۔ وہ روشنی کو زندگی کی علامت اور تاریکی کو موت کا استعارہ کہتا ہے، اُس نے ہوٹل کو بے نام سی دنیا کی علامت بنایا ہے ۔ کہتا ہے کہ وہ لوگ ہیولوں کی طرح دکھائی دے رہے تھے ۔ کچھ عجیب پُر اسرار سی فضا تھی۔ اُسے ایسا لگتا ہے کہ وہ غلط جگہ آ گیا ہے ۔ مصنف نے یکایک کائنات کو تاریک کر دیا پر اُس کے آہنگ اور PATTERN پر آنچ نہ آنے دی۔ اِس اندھیرے میں موسلادھار بارش کی علامت بہت ہی خوب ہے ۔ ہوٹل میں چھوٹی چھوٹی کچھ موم بتیوں کا آخری سانس لینا۔ (یعنی لفظ کچھ بڑا ہی معنی خیز ہے ) روشنی اپنی ذات کے علاوہ اپنے گرد و پیش کا ابلاغ ہوتی ہے، مگر اس دم توڑتی ترسیل نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تو کوئی چیخ اُٹھا۔ ’’ارے بھائی یہاں کوئی آئے ‘‘ اپنے ہونے کو ثابت کرنے کی انسانی جدو! پھر دفعتاً فطرت کا خود کو منوانا۔ ہر وجود میں اپنی حدّت کو ٹٹولتے پھر نا برق کی چمک کے ساتھ اس کے ذہن کی برقی تو بھی جاگ اُٹھتی ہے اور وہ بھونچکا رہ جاتا ہے ۔ وہی لوگ ہوتے ہیں جو اُس کے گھر بے نام خط کی طرح چلے آئے تھے ۔ اُس کے افقی پھیلاؤ سے جُڑے ہوئے پر اس کی دھڑکنوں سے دور۔

***  

عوض سعید ۔۔کچھ یادیں، کچھ باتیں

سید خالد قادری

آج عوض صاحب پر کچھ لکھتے ہوئے مجھے اس خاکے کا خیال آ رہا ہے جو انہوں نے کئی برس پہلے میرے اوپر لکھا تھا۔ یہ خاکہ میرے اور اپنے اہل خاندان کے علاوہ انہوں نے شاید ہی کسی اور کو سنایا ہو۔ اس کا عنوان تھا ’’خوابوں کا شہزادہ’‘۔ یہ عنوان طنزیہ تھا یا خالص رومانی میں نہیں کہہ سکتا مگر مجھے اس خاکے میں اپنی جو تصویر نظر آئی تھی وہ اس قدر Overtouched اور اتنی رنگین تھی کہ مجھے اس میں اپنے آپ کو پہچاننا مشکل لگا تھا۔ وہ معروضیت جو ہمیشہ سے عوض صاحب کی کہانیوں کا نمایاں وصف رہی تھی اس لمحے میں نہ جانے کیوں اُن کا ساتھ چھوڑ گئی تھی۔ اُن کے اس تخلیقی Crisis کا شکار ہونے کی وجہ شاید کچھ لوگ مجھ سے اُن کی قربت میں تلاش کریں۔ بہرحال جو کچھ بھی رہا ہو وہ خاکہ انہیں پھر بھی پسند تھا جس کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے اُسے ضائع ہو جانے کے خوف سے ٹیپ کر کے کچھ عرصے کے لئے محفوظ کر لیا تھا۔ درحقیقت یہ ان کی کتاب کا آخری خاکہ تھا مگر جیسا کہ ہر ادیب کے ساتھ ہوتا ہے کہ اُس کی کچھ تحریریں کسی وجہ سے منظر عام پر نہیں آ پاتیں۔ عوض صاحب کا مجھ پر لکھا ہوا یہ خاکہ بھی کسی پرانے ٹیپ کی نذر ہو گیا۔

آج مجھے عوض صاحب پر کچھ لکھنا ہے تو میں خود کسی Crisis کا شکار تو نہیں مگر میرے لئے یہ طے کر پانا ضرور مشکل ہے کہ بات کہاں سے شروع کروں۔

عوض صاحب سے میری ابتدائی ملاقاتیں شاذ کے توسط سے ہوئی تھیں جن کے وہ دیرینہ دوست تھے۔ ہم دونوں ہی اپنی اپنی جگہ مزاجاً Introvert ہونے کی وجہ سے عرصہ تک ایک دوسرے سے بے تکلف نہ ہو سکے مگر پھر ایک بار جب قریب آئے تو مجھے پتہ ہی نہ چل سکا کہ کب میرے احباب میں شاذ کی جگہ عوض صاحب نے لے لی ہے۔ گو کہ شاذ سے میری دوستی وقت یا حالات کے تابع نہ تھی مگر اس میں ایک ایسا موڑ ضرور آیا جب وہ عملی سے زیادہ خیالی اور معنوی ہو کر رہ گئی تھی۔ دراصل ان دنوں شاذ کے روز و شب کچھ اس طرح گزر رہے تھے کہ ان کی رفاقت کے لئے جو حوصلہ درکار تھا وہ میں اپنے آپ میں نہ پاتا تھا۔ شاید کچھ ایسا ہی مسئلہ عوض صاحب کے سامنے بھی رہا ہو گا۔ اس طرح شاذ کا کچھ عرصہ کے لئے درمیان میں نہ رہنا ہماری مزید قربت کی وجہ بن گیا۔

عوض صاحب ان دنوں ملے پلی کے ایک مکان میں رہا کرتے تھے جو میرے کالج کے راستے میں پڑتا تھا۔ اس طرح کبھی اُن کے مکان پر اور کبھی شاذ کے دیوان خانہ میں ہماری بیٹھک ہوا کرتی تھی۔ وہاں میں اور عوض صاحب اکثر کافی دیر تک گفتگو کیا کرتے کیونکہ شاذ صاحب دیر سے سو کر اٹھنے کی عادت کی وجہ سے ایسے موقعوں پر آدھے پون گھنٹے سے پہلے برآمد نہ ہوتے۔ کبھی ان کے دو ایک ملاقاتی اور آ دھمکتے اور ہمیں ان کو بھی برداشت کرنا پڑتا۔ ہاں اس بیچ ہماری کوفت دور کرنے کے خیال سے شاذ صاحب دو تین پیالی چائے ضرور بھجوا دیا کرتے تھے۔

’’عوض! خالد! یار معاف کرنا دیر ہو گئی’‘۔

شاذ صاحب نہا دھو کر خوشبو سے مہکتے ہوئے ! اجلے کپڑوں میں ملبوس منہ میں پان کا بیڑا دبائے برآمد ہوتے۔

اُن کے لہجے کا خلوص اور اُن کی خوش مزاجی میری کوفت دور کرنے کے لئے کافی ہوتے مگر عوض صاحب کا معاملہ ایسا نہ تھا۔ وہ ایسے موقعوں پر جب تک شاذ پر طنز کے دوچار زہریلے تیر نہ چھوڑ لیتے انہیں چین نہ ملتا۔ شاذ جو عام طور پر کسی کو خاطر میں نہ لاتے تھے نہ جانے کیوں عوض صاحب کے اس رویہ سے قطعی دل برداشتہ نہ ہوتے اور اپنی فطری ظرافت اور بذلہ سنجی سے ماحول کو خوشگوار بنا لیا کرتے۔ پھر یا تو وہ اپنی کوئی غزل یا نظم سنا کر اس پر ہماری رائے پوچھتے یا دنیائے ادب کے کسی نئے ا سکینڈل پر بحث چھڑ جاتی۔

اُن دنوں شاذؔ اور ’’ریس’‘ کے علاوہ عوض صاحب کے موضوع گفتگو پرانے پاکستانی جرائد اور ان میں شائع ہونے والی ان کی کہانیاں، کچھ پرانے ادیب اور غیر ادیب دوست اور ہم عصر افسانہ نگار ہوا کرتے تھے۔ بات شاذ سے وابستہ حال یا ماضی کے کسی ایسے واقعہ سے شروع ہوتی جو ہمیں اُن کی غیبت یا توصیف کے مواقع فراہم کر دینی۔ یہ عوض صاحب کے لئے ایک طرح کا Warming up ہوا کرتا تھا۔ پھر اس کے بعد گفتگو کچھ ایسا موڑ لیتی کہ وہ اپنی کتابوں کی الماری سے ایک کے بعد ایک کئی نئے اور پرانے پاکستانی رسالے نکال کر اُن میں اپنی کہانیوں کی نشاندہی اس خصوصیت کے ساتھ کرتے کہ فلاں فلاں فلاں سنہ میں افکار یا فنون یا ادبی دنیا یا سیپ میں میری کہانی فلاں فلاں افسانہ نگار سے پہلے چھاپی گئی تھی۔ یا پھر وہ مرزا ادیب، صبا لکھنوی یا نذیر چودھری یا نسیم درانی کا پرانا خط کھوج نکالتے جس میں ان کی کسی کہانی کا توصیفی انداز میں ذکر ہوتا یا اُن سے تازہ کہانی کی فرمائش کی گئی ہوتی۔ اُن دنوں مجھے اس بات کا اندازہ ہوا کہ عوض صاحب کے پاس گو کہ کتابیں تو زیادہ نہیں مگر جتنے پرانے اور نایاب ادبی جرائد ہیں اتنے شاید ہی اس شہر میں کسی کے پاس ہوں۔ ان کی ایک بڑ ی تعداد کبھی مالی منفعت کے لئے انہوں نے اپنے ایک بچپن کے دوست حفیظ قیصر کے حوالے کر دی تھی جس کا انہیں آج تک ملال ہے۔ خصوصاً اس وجہ سے بھی کہ اُن کا وہ دوست بد دیانت ثابت ہوا اور وہ سارے رسالے لے کر انہیں اس کی قیمت دئیے بغیر اچانک ایک دن پاکستان چلا گیا۔ اس سانحہ کے بعد سے عوض صاحب اس سلسلے میں کافی محتاط ہو گئے تھے یہاں تک کہ شاذ یا مغنی صاحب کے کبھی اچانک آ جانے پر وہ ایسی چیزیں چھپا دیا کرتے تھے۔ اُن کا خیال تھا کہ اُن کے بے شمار ادبی رسالے اور کئی ڈائجسٹ وغیرہ تلاش کئے جانے پر شاذ اور مغنی صاحب کے پاس سے برآمد ہوں گے۔

عوض صاحب ان دنوں جب کبھی بیتے دنوں کو آواز دینے کے موڈ میں ہوتے تو مجھ سے باتیں کرتے ہوئے حیدرآباد میں اپنی نوجوانی کے دور کی یادیں تازہ کرتے۔ حفیظ قیصر اور سردار سلیم ان کے وہ دوست ہیں جو پاکستان جا چکے تھے۔ حفیظ قیصر کی شرارتیں اور سردار سلیم کی علمی صلاحیتیں، ان کی انسانیت اور سوشلسٹ ادب کی طرف جھکاؤ اور اریب صاحب سے رنجش کا پس منظر یا پھر اس زمانے میں سردار کی اقبال متین سے غیر معمولی دوستی یا لگاؤ کی وجوہات۔ اس دور کے دوسرے احباب زبیر رضوی، وحید اختر، حمید الیاس اور مجتبیٰ حسین بھی موضوع گفتگو رہا کرتے تھے خاص طور پر مجتبیٰ حسین کی ظرافت اور زبیر رضوی کی نسوانیت اور خواتین کے درمیان غیر معمولی مقبولیت یا پھر ان کے معاشقوں کی تفصیلات یا پھر شاذ اور وحید اختر کی یاری اور پھر بعد کے دنوں میں ان کی حریفانہ چشمک۔ میں ان لوگوں سے ذاتی طور پر زیادہ واقف نہ تھا اس لئے عوض صاحب کی یہ باتیں یوں سنا کرتا تھا جیسے وہ اپنی حیات رفتہ کے اوراق الٹتے ہوئے چند ایسے دلچسپ اور اہم کرداروں کا ذکر کر رہے ہوں جن کے بغیر ان کی داستاں ادھوری رہ جائے گی۔ اپنی ملازمت کے ابتدائی دور کا ذکر کرتے ہوئے جب وہ دہلی میں مقیم تھے تو وہ شہریار، خلیل الرحمان اعظمی اور محمود ہاشمی وغیرہ سے بھی اپنی قربت کی بات بتایا کرتے تھے۔

عوض صاحب فطرتاً کم آمیز ہیں اور اپنے آپ میں بند سے رہتے ہیں۔ نئے لوگوں سے ملنا ان کے لئے ایک کٹھن مرحلہ ہے، مگر اس کے برخلاف کسی سے ایک بار بے تکلف ہو جائیں تو وہ نہ صرف کچھ زیادہ ہی بولتے ہیں بلکہ اُن کی گفتگو کا انداز بھی اتنا پیچیدہ گنجلک اور طولانی ہوتا ہے کہ کسی معمولی سے واقعہ کا بیان داستان الف لیلیٰ سے کم نہیں لگتا۔ ایسے میں یہ یقین کرنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے کہ وہ انسان یہی ہے جس کی کہانیاں الفاظ کی Economy اور زبان کے اختصار کے لئے جانی جاتی ہیں۔

انہیں قریب سے جاننے والے ان کی شخصیت کے ایسے کئی تضادات سے واقف ہوں گے۔ مثال کے طور پر وہ بذاتِ خود تو ایک آدھ کمزوری کو چھوڑ کر ایک شریف ایماندار اور معاشرے کے قانون و روایت کا پاس و لحاظ کرنے والے انسان ہیں مگر اس طرح کے دوسرے لوگ ان کے لئے کوئی کشش نہیں رکھتے۔ اُن کو شعوری یا لاشعوری طور پر ایسے انسانوں کی تلاش رہتی ہے جو نہ صرف عام ڈگر سے ہٹے ہوئے ہوں بلکہ مثبت یا منفی کسی بھی انداز میں ذہنی یا اعصابی اعتبار سے اُن پر حاوی ہو سکیں۔ انہیں مرعوب یا خوف زدہ کر سکیں یا پھر کچھ اور نہیں تو کسی درجہ میں پر اسرار ہی کہے جا سکیں۔ اس قماش کے آدمی انہیں فطری طور پر اپنی طرف یوں کھینچتے ہیں جیسے اُن کے بیچ کسی مقناطیسی قوت کا دخل ہو۔ یہاں تک کہ ایسا آدمی بظاہر آس پاس نہ ہونے پر کسی پیچیدہ نفسیاتی ضرورت کے تحت وہ کسی بھی جگہ اپنے بازو کھڑے ہوئے کسی شریف یا پریشان حال آدمی کو چور، ڈاکو، اسمگلر، خونی یا دلال بنا دیتے ہیں اور پھر اُس کی ہر حرکت انہیں مشتبہ معلوم ہونے لگتی ہے اور وہ نہ صرف خود اس سے خوف کھانے لگتے ہیں بلکہ اگر کوئی دوسرا بھی ہمراہ ہو تو اُسے بھی بار بار اُس کی طرف متوجہ کرتے رہتے ہیں۔ شاید انہیں ہر انسان کے پیچھے چھپی ہوئی کسی کہانی کی کھوج رہتی ہے جس کے کبھی کبھی نہ ملنے پر وہ خود اپنی بنائی ہوئی کہانی اس سے وابستہ کر دیتے ہیں۔

عوض صاحب سے ذاتی ملاقات سے پہلے میں نے ان کی کہانیاں نہیں پڑھی تھیں بعد میں جب ان سے اس سلسلے میں باتیں ہونے لگیں اور انہوں نے مجھے اپنی کہانیوں کے مجموعے ’’سائے کا سفر’‘ اور ’’تیسرا مجسمہ’‘ دئیے تو مجھے اندازہ ہوا کہ مختصر کہانی کے میدان میں یہ شخص اپنا حریف آپ ہے۔ یوں تو حیدرآباد کے دو ایک افسانہ نگار عام معنوں میں عوض صاحب سے زیادہ شہرت رکھتے تھے مگر وقت کے ساتھ مختصر کہانی کی بدلتی ہوئی ہیئت، لہجے، اور اسلوب کو عوض صاحب نے بحیثیت ادیب جس فراخدلی سے قبول کیا، اپنایا اور برتا اس کے لئے دوسروں کو کچھ زیادہ ہی وقت درکار تھا۔

ان کے پہلے دور کی کہانیاں پڑھنے کے بعد اس بات کی تصدیق کی ضرورت نہیں رہتی کہ ان دنوں اُن کے آئیڈیل منٹو، غلام عباس اور بیدی رہے ہوں گے۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ کہانی لکھنے والوں کا ذکر ہمیشہ پنڈت سدرشن کے نام سے شروع کرتے ہیں۔ ادھر چند برسوں میں عوض صاحب نے جو خاکے لکھے ہیں وہ بقول اُن کے اتنے پسند کئے گئے ہیں کہ اب تو ہر کس و ناکس اُن سے خاکہ لکھنے کی فرمائش کرنے لگا ہے۔ میری ذاتی رائے میں ایسے خاکے دلچسپ ضرور ہو سکتے ہیں مگر بحیثیت ادبی تخلیق ان کی اہمیت ایک حد سے زیادہ نہیں۔ کوئی افسانہ نگار منہ کا مزہ بدلنے کے لئے کبھی کبھار کردار نگاری کا اپنا ہنر ہم عصروں اور رفیقوں پر آزما سکتا ہے مگر وہ اسے ایک باقاعدہ تخلیقی عمل کے طور پر مسلسل نہیں برت سکتا۔ اس کے باوجود عوض صاحب کے لکھے ہوئے خاکے پڑھ کر میں نے محسوس کیا کہ ان کی اپنے قلم پر کچھ ایسی گرفت ہے کہ جب اُن کا غیر معمولی حافظہ اور تماشائی بن کر تماشا دیکھنے کی فنی صلاحیت یکجا ہو جائے تو اُن کے لکھے ہوئے خاکے بھی کہانی یا افسانے کی ہی طرح ایسی تخلیق کا درجہ پا لیتے ہیں جنہیں بار بار پڑھا جا سکتا ہے۔ قلم کے ایسے دھنی ہونے کے باوجود نہ جانے کیوں عوض سعید نے صرف معروف لوگوں کے خاکے ہی لکھ کر شائع کرنے کا فیصلہ کیا۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ ان کے خاکوں کی کتاب میں کوئی بابو گوپی ناتھ، کوئی باری صاحب، یا کسی سراج کے لئے بھی جگہ ہوتی۔ مجھے آج بھی حیرت ہے کہ برسوں ان کے آس پاس رہنے والے حفیظ قیصر، اسٹیفن عارف یا داؤد پہلوان عوض صاحب کے لئے خاکہ نگاری کا محرک نہ بن سکے۔

ہندوستانی کلاسیکل سنگیت کا ذوق میں اپنے آپ میں کبھی پیدا نہ کر سکا۔ ایک جگہ بیٹھ کر گھنٹوں حلق سے آوازیں نکالتے رہنا یا پھر ایک ہی لائن کو انگنت بار دہرانا اور اس کے الفاظ کو کھینچنا، تاننا، توڑنا اور مروڑنا اس قسم کی ورزش سے میں کبھی کوئی خاص لطف نہ حاصل کر سکا۔ یہی وجہ تھی کہ جب عوض صاحب مجھ سے ٹھمری، دادرا اور خیال کی بات کرتے یا پھر مختار بیگم، ثریا، ملتانی، پی سی بروا، یا خان مستانہ وغیرہ کا ذکر چھیڑتے تو میں موضوع بدلنے کے لئے مکیش، لتا یا طلعت محمود کے کسی پرانے گانے کی بات شروع کر دیتا جس میں انہیں کچھ زیادہ دلچسپی نہ ہوتی۔ جب انہوں نے ’’سُر کا گیان نہیں ہے جس کو وہ مورکھ انسان نہیں ‘‘ جیسی لائنیں میرے سامنے بار بار گنگنانا شروع کر دیں تب مجھے ان سے پوچھنا پڑا کہ کیا واقعی ہندوستانی سنگیت سے ان کو اتنا لگاؤ ہے اس کے جواب میں انہوں نے مختلف راگ راگنیوں کی مثالیں گا کر دینی شروع کر دیں تو مجھے اس موضوع سے اُن کی دلچسپی کا اندازہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کسی زمانے میں ہارمونیم پر گایا کرتے تھے اور ستار بھی اچھا خاصہ بجا لیتے تھے۔ حیدرآباد ریڈیو سے بھی انہوں نے اس زمانے میں ایسے کئی پروگرام دئیے تھے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد حال میں جب غلام جیلانی صاحب مہاراشٹرا سرسوت پریشد میں کلاسیکل سنگیت سیکھنے جانے لگے تھے تو اس موضوع پر ان کے اور عوض صاحب کے مباحث خاصے دلچسپ ہوا کرتے تھے۔

عوض صاحب کتوں سے بہت ڈرتے ہیں۔ شیر کے اچانک سامنے آ جانے پر وہ اُس سے دو دو ہاتھ کرنے کو تیار ہو جائیں گے مگر مریل سے مریل کتا بھی اُن پر کپکپی طاری کر سکتا ہے۔

کتوں سے کچھ اس طرح ڈرنے والے حیدرآباد کے ایک پہلوان شیخ داؤد تھے جو یوں تو خود کو علی پہلوان کا خلیفہ بتاتے تھے مگر کتوں سے اس حد تک ڈرتے تھے کہ ان کے اعصاب پر لرزہ طاری کرنے کے لئے کتا نہیں کتے کی تصویر کافی ہوتی تھی۔ ہمارے ایک مشترکہ دوست باقر باقری نے انہیں ہمارے پاس اس زمانے میں بھیجا جب وہ پہلوانی چھوڑ کر مالش کرنے لگے تھے۔ اُن دنوں وہ میرے علاوہ شاذ اور عوض صاحب کی مالش بھی کیا کرتے تھے۔ شاذ کا مالش کے دوران سو جانا یا عوض صاحب کا مقررہ دن پر مالش نہ کروانے کے لئے کوئی بہانہ تلاش کر لینا داؤد صاحب کو کبھی کبھی اتنا بد دل کر دیتا تھا کہ وہ اُن لوگوں کی مالش کرنا چھوڑ دینے کی بات کرنے لگتے تھے۔ لیکن پھر میرے سمجھانے پر کہ یہ لوگ نہ صرف حیدرآباد بلکہ ہندوستان کے بڑے ادیب ہیں، آپ اگر ان کی مالش کرتے رہے تو یہ نہ صرف ادب کی خدمت ہو گی بلکہ اردو ادب کی تاریخ میں ان کے ساتھ آپ کا بھی نام لکھا جائے گا داؤد صاحب میری مالش ادھوری چھوڑ کر ان لوگوں کے گھر جانے کی تیاری شروع کر دیتے تھے۔ ہمارے دوستوں میں صرف مصحف اقبال توصیفی ہی ایسے تھے جن کو داؤد صاحب اپنی تمام کوششوں کے باوجود مالش کے فوائد کا قائل نہ کر سکے۔ شاید یہی وجہ رہی ہو گی جو انہیں مصحف اقبال توصیفی کے اچھے شاعر ہونے کا کبھی یقین نہ آیا کیونکہ وہ شاعری میں توانائی کے لئے جسمانی صحت کا بھی تشفی بخش ہونا لازمی سمجھتے تھے۔

عوض صاحب کے آفس کے گنے چنے دوستوں میں پدما راؤ، نعیم زبیری اور اسٹیفن عارف ہوا کرتے تھے۔ ان تینوں میں سے ہر ایک سے ان کی دوستی الگ قسم کی تھی۔ پدما راؤ نہ صرف ان کے لئے ایک اچھے سامع تھے بلکہ ان کے مداح بھی تھے اور ان کے گھریلو مسائل میں بھی کارآمد ثابت ہوتے تھے۔ نعیم زبیری سے ان کا رشتہ کچھ ایسا تھا جسے انگریزی اصطلاح میں Love-Hate Relationship کہا جا سکتا ہے۔ ان کے لئے وہ اس قدر اپنائیت سے ایک خاص لفظ ’’بھامٹا’‘ استعمال کیا کرتے تھے جس کا صحیح مفہوم میں آج تک نہ جان سکا ہاں بار بار سننے کے بعد یہ اندازہ ضرور ہوا کہ یہ لفظ عوض صاحب کسی ایسے بے تکلف دوست کے لئے استعمال کرتے ہیں جس سے انہیں محبت ہو مگر جو ان کے قابو میں نہ آتا ہو۔ نعیم زبیری کو ایک با صلاحیت افسانہ نگار سمجھنے کے باوجود ان کا کہنا تھا کہ ترقی پسندی سے چمٹے رہنے کی وجہ سے یہ آدمی اپنی تمام تر تخلیقی قوتوں کو بروئے کار نہ لا سکا۔ عوض صاحب کی طرف سے اقبال متین کے ساتھ ترقی پسندی پر چھیڑی جانے والی بحث بارہا ناخوشگوار موڑ اختیار کر لیتی تھی مگر نعیم زبیری ایسی کسی بحث کو ذرا بھی بد دل ہوئے بغیر نہایت ہی تحمل اور اعتماد سے دوچار جملوں میں ہی ختم کر دیا کرتے تھے۔

اسٹیفن عارف سے عوض صاحب کی دوستی الگ قسم کی تھی۔ وہ انہیں اپنی ادبی حیثیت سے مرعوب کیا کرتے تھے۔ آفس کے معاملات میں بھی کئی جھوٹی سچی کہانیاں گھڑ کر وہ انہیں ڈرایا کرتے تھے۔ عارف بھی اپنے مزاج کے دبوپن کی وجہ جلد ہراساں ہو جاتے مگر پھر بھی نہ جانے کیوں اپنا ہر چھوٹا بڑا مسئلہ لے کر عوض صاحب کے پاس ہی آیا کرتے۔ بظاہر عوض صاحب انہیں جتنا بھی مرعوب یا پریشان کرتے رہے ہوں میرا خیال ہے انہیں اس شخص سے ہمدردی تھی۔ اس کی وجہ شاید حالات کی وہ ستم ظریفیاں رہی ہوں گی جس کا وہ انسان شکار تھا۔ مسجد اور کلیسا کے بیچ پھنس کر اس کی ذات دو حصوں میں تقسیم ہو گئی تھی اور ان دونوں سے بیک وقت نباہ کرنے کی کوشش میں وہ خود بری طرح ٹوٹ گیا تھا، برسوں نامپلی کے اسٹار بار سے پان منڈی کا راستہ ناپتے ناپتے جب وہ کچھ عرصے کے لئے غائب ہو گیا تو اچانک ایک دن ’’سیاست’‘ کے کسی گوشے میں چھپی چند لائنوں سے ہمیں اس کی نئی منزل کا پتہ چلا۔

عوض صاحب کی شخصیت کے جس پہلو نے مجھے ہمیشہ متاثر کیا وہ ان کی دیانت داری اور خود داری ہے۔ ایک ایسے محکمہ میں ملازمت کرنے کے باوجود جہاں جائز اور ناجائز آمدنی میں تفریق کرنے والا شاید ہی کوئی ہو وہ اپنی ماہانہ یافت پر قانع رہے۔ زندگی کی آسائشوں کے حصول کے لئے انہوں نے اپنی عزت نفس کا سودا نہ کیا۔ ان کا قلندرانہ مزاج یوں بھی مال و دولت کی طلب سے یکسر بے نیاز رہا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ بدلے ہوئے حالات میں معاشی خوش حالی یا بہتر سماجی مرتبہ نے ان کے اہل خاندان کی زندگیوں میں جو تغیرات پیدا کر دئیے ہیں عوض صاحب ان کے بیچ اپنی تمام سادہ لوحی کے ساتھ اجنبی سے دکھائی دیتے ہیں۔

بحیثیت ادیب بھی وہ اپنی خود داری اور عزت نفس کی قیمت پر شہرت یا نام و نمود کا تعاقب کرنے والوں میں شامل نہ ہوئے۔ ایرپورٹ، گیسٹ ہاؤس، ہوٹلوں یا ادبی محفلوں میں میں نے انہیں بڑے نقادوں، قد آور ہستیوں یا ادبی سیاست کے اہم مہروں کے گرد منڈلاتے ہوئے کبھی نہیں دیکھا۔ میری رائے میں وہ ان چند خوددار ادیبوں میں سے ہیں جنہوں نے ادب میں جو تھوڑا بہت نام کمایا ہے وہ سب کا سب اپنے ہنر کے بل پر ہے۔

عوض صاحب کے دوستوں میں ایک آدھ کو چھوڑ کر شاید ہی کوئی سگریٹ کا عادی ہو۔ خود میرے لئے بھی سگریٹ اتنی کشش نہیں رکھتی، مگر عوض صاحب کا معاملہ الگ ہے۔ وہ سگریٹ کے بغیر جی نہیں سکتے۔ اور اگر جینے کی کوشش کریں بھی تو یہ جینا برائے نام ہو گا۔ قطعی بے لطف اور بے مزہ۔ سگریٹ کے بغیر ان کا دماغ پوری طرح off رہتا ہے کسی ایسی مشین کی طرح جو کرنٹ یا بیڑی کے بغیر آپریٹ نہیں کر سکتی۔ ان کو سگریٹ پر سگریٹ پھونکتے دیکھ کر مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے سگریٹ کے پریشان دھوئیں کے پیچھے وہ تخلیقی دنیا ہوتی ہے جسے ان کا دماغ مسلسل سنوارنے میں مشغول رہتا ہے۔ کبھی کبھی میں سوچتا ہوں کہ اگر عوض صاحب کی انگلیوں کے درمیان سگریٹ نہ ہوتی تو کیا وہ ادیب یا افسانہ نگار ہو سکتے تھے۔ آج جب کہ میرے پاس ان کے روز و شب کا کوئی حساب نہیں اور سگریٹ سے ان کا رشتہ ٹوٹ چکا ہے وہ زندگی اور ادب سے کیوں کر نباہ کر رہے ہیں مجھے معلوم نہیں۔

۔۔۔ عوض سعید کے انتقال سے کچھ پہلے لکھا گیا

***   عوض سعید صاحب کی یاد میں

سید امتیاز الدین

( نوٹ: امتیاز صاحب مشہور شاعر مرحوم شاذ تمکنت کے برادرِ خورد ہیں۔)

جب میں اپنے بچپن کی باتوں کو یاد کرتا ہوں تو جس طرح میری آنکھوں کے سامنے میرے بڑے بھائیوں کے چہرے اُبھرنے لگتے ہیں اُسی طرح عوض سعید صاحب کی صورت بھی نظروں میں پھرنے لگتی ہے۔ جس طرح میرے بھائیوں کے ناموں کے ساتھ از خود مرے منھ سے بھائی نکلتا تھا اُسی طرح عوض سعید صاحب اور شاِذ تمکنت صاحب کی دوستی مثالی تھی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس دوستی کی ابتداء 1947سے ہوئی۔ دونوں کی رفاقت کا یہ عالم تھا کہ دونو ں رات کو صرف سونے کے لئے اپنے اپنے گھروں کو جاتے تھے۔ دن کے اوقات میں ساتھ ساتھ رہتے تھے۔ شاذ بھائی نے نام پلی ہائی اسکول سے میٹرک کا امتحان کامیاب کیا جبکہ عوض بھائی نے شاید انوارالعلوم ہائی اسکول سے میٹرک کا امتحان کامیاب کیا۔ شاذ صاحب ریاضی میں شروع ہی سے کمزور تھے جب 1941ء میں وہ دسویں جماعت میں داخل ہوئے تو اُنھوں نے ریاضی میں کوچنگ کے لئے صالح ہاشمی صاحب کے ادارے میں داخلہ لیا۔ یہ ادارہ کٹل منڈی میں واقع تھا۔ گولڈن تھریش ہولڈ جہاں اب یونیورسٹی آف حیدرآباد کا دفتر ہے اُس کے بازو سے ایک چھوٹی سی گلی نمائش میدان کی طرف آتی ہے۔ اسی گلی کے اندر صالح ہاشمی صاحب کا ادارہ واقع تھا۔ صالح ہاشمی صاحب نہایت خلیق اور شفیق استاد تھے اور وہ طلباء کی بہت حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ یہیں عوض سعید صاحب نے بھی داخلہ لیا کیونکہ اُن کی ریاضی بھی کمزور تھی۔ شاذ بھائی اور عوض بھائی دونو ں کو ادبی مضامین پڑھنے اور ا فسانے لکھنے کا شوق تھا۔ ابھی شاذ صاحب نے شاعری شروع نہیں کی تھی اور س۔م۔ شفیع کے نام سے افسانے لکھا کرتے تھے۔ اُن دنوں حیدرآباد سے ایک لمبے سائز کا پرچہ پرچم نکلتا تھاجس کے ایڈیٹر فصیح المنیر احمد صاحب تھے۔ اس رسالے میں اور لو گوں کے علاوہ ابراہیم جلیس کے مضامین شائع ہوتے تھے۔ شاذ بھائی کو اور عوض بھائی کو ابراہیم جلیس اور کرشن چندر کا طرزِ تحریر بہت پسند تھا۔ ابراہیم جلیس کے دو جذباتی نوعیت کے مضامین اُن دنوں بہت مشہور ہوئے تھے ایک مضمون جواں مرگ شاعر صاحبزادہ محمد علی خاں میکش کی موت پر تھا اور دوسرا بہادر یار جنگؒ کی برسی کے موقع پر شائع ہوا تھا۔ شاذ صاحب اور عوض صاحب اپنی غیر مطبوعہ تحریریں لے کر ابراہیم جلیس کے پاس گئے اور اُن کود کھائیں۔ جلیس نے دونوں کی حوصلہ افزائی کی۔

میں ابھی آپ سے صالح ہاشمی صاحب کے ادارے کی بات کر رہا تھا۔ شاذ صاحب اور عوض سعید صاحب ہر صبح پڑھنے بیٹھتے تھے۔ ایک دن شاذ صاحب نے کہا کہ آج میں سائیکل چلاؤں گا تم پیچھے بیٹھو۔ راستے میں کسی اتار پر سائیکل بے قابو ہو گئی اور دونوں گر گئے۔ اس حادثے میں عوض بھائی کے سیدھے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ بدقسمتی سے میٹرک کے امتحان کو بمشکل پندرہ دن رہ گئے تھے۔ عوض بھائی کے بڑے بھائی عبداللہ بن سعید بڑے تیز آدمی تھے۔ اُنھی دنوں ریاستِ حیدرآباد میں پولیس ایکشن سے ذرا قبل ایک عوامی طرز حکومت قائم ہوئی تھی جس میں امراء اور رؤسا کی بجائے کچھ عوامی نمائندے وزیر بنائے گئے تھے۔ اُس وقت جو صاحب وزیر تعلیم بنے تھے اُن کا نام وینکٹ راؤ تھا۔ عوض بھائی کو لے کر اُن کے پاس پہنچے۔ اُنھوں نے بتایا کہ میرا چھوٹا بھائی اِ س حالت میں امتحان لکھنے سے قاصر ہے۔ وینکٹ راؤ صاحب نے ہمدردانہ غور کیا اور حکم دیا کہ اس بچے کا میٹرک کا امتحان ہاتھ کے ٹھیک ہونے کے بعد علیحدہ لیا جائے۔ یہ تجویز جب اُس وقت کے ناظم تعلیمات کے پاس گئی تو وہ زیر لب مسکرائے او ر کہا کہ اگر وزیر تعلیم، تعلیم پائے ہوئے ہوتے تو ایسی تجویز نہ کرتے پھر عوض سعید صاحب سے مخاطب ہو کر کہنے لگے میاں صاحبزادے میٹرک کا امتحان ریاستی پیمانے پر ہوتا ہے اور اُس میں سینکڑوں لڑکے شریک ہوتے ہیں ایک بچے کے لئے ایسا امتحان نہیں رکھا جاتا۔ آپ امتحان کی تیاری کیجئے ہم آپ کا پرچہ لکھنے کے لیے کسی کو مقرر کر دیں گے۔ پرچہ آپ کے سامنے ہوگا۔ جوابات آپ بولتے جائیں اورWriterاُنھیں قلم بند کرے گا۔ خوش قسمتی سے ایسے لکھنے والے مقرر ہوئے جو ریاضی کے استاد تھے۔ اُنھوں نے ریاضی کے پرچے کے دن عوض بھائی سے کہا کہ آپ مجھ سے کچھ نہ کچھ کہتے رہیئے میں کامیابی کی حد تک پر چہ حل کر دوں گا۔ اسی طرح باقی پرچوں میں بھی اُن صاحب کی تھوڑی بہت مدد شامل حال رہی اور عوض صاحب اپنی شکستہ دستی کے باوجود امتحان میں کامیاب ہو گئے۔ میٹرک کے بعد شاذ صاحب سٹی سائنس کالج میں بیالوجی کے مضامین کے ساتھ داخل ہو گئے لیکن عوض بھائی نے کامرس کا انتخاب کیا اور شاید چادر گھاٹ کا لج میں داخل ہوئے اُس زمانے میں انٹرمیڈیٹ کو ایف اے کہتے تھے اور معلوم نہیں یہ بات کیوں مشہور تھی کہ انٹر نکالنا بہت مشکل ہے۔ جو طالب علم یہ ہفت خواں طئے کرے وہ آسانی سے گریجویشن کر سکتا ہے۔ میرے بڑے بھائی اور خود عوض سعید صاحب نہایت پابندی سے ہر سال انٹرمیڈیٹ کا امتحان دیتے اور فیل ہو جاتے۔ ایک سال ایسا ہوا کہ ابھی دوسرے لوگ فیل ہو ہی رہے تھے کہ عوض بھائی انٹرمیڈیٹ میں کامیاب ہو گئے۔ شاید یہ 1952 یا 1953کی بات ہوگی۔ یہ زمانہ حیدرآباد کے مسلمانوں کے لئے بڑا پُر آشوب تھا۔ پولیس ایکشن کے دھکے سے مسلمان ابھی سنبھلنے نہیں پائے تھے۔ بیشتر خاندان یا اُن خاندانوں کے بچے وطن چھوڑ کر جا رہے تھے۔ نوکریاں عنقا ہو گئی تھیں بعض پُرانے لوگ مختلف فرقوں میں بر سر کار تھے کسی نہ کسی بہانے سے نکالے جا رہے تھے۔ بہت سے لوگوں کے لیے انگریزی سے عدم واقفیت ہی تخفیف کا سب سے بڑا بہانہ تھی۔ اُس دور میں بھی بعض با اثر اور جری عہدہ دار مو جود تھے جو تخفیف سے لوگوں کو بچا رہے تھے یا پھر جہاں موقع ہوا مستحق لوگوں کے لیے نوکری کا سامان کر رہے تھے۔ ایک صاحب جن کا نام شاید شاہ نواز خاں تھا، فوڈ کارپوریشن میں ڈپٹی ڈائرکٹر تھے اُنھوں نے اپنے دفتر میں عوض بھائی کے لیے نوکری فراہم کر دی۔ میں نہیں جانتا کہ اُن دنوں اس دفتر کا نام فوڈ کارپوریشن تھا یا سیول سپلائز بہرحال عوض بھائی وہاں ملازم ہو گئے او راسی محکمے سے آخر تک وابستہ رہے۔ یہاں محض از راہ مذاق ایک بات کہتا چلو ں کہ انٹر کامرس نکالنے کے بعد کچھ دنوں تک عوض بھائی اپنے نام کے ساتھ آئی۔کام لکھتے تھے۔ بعد میں اسے ترک کر دیا۔

عوض سعید صاحب نے افسانہ نگار کی حیثیت سے نام کمایا لیکن اس میدان میں بھی اُن کو جدوجہد کرنی پڑی۔ اُن دنوں دہلی سے ایک رسالہ نکلتا تھا شاہراہ میں چھپنا کسی ادیب کے لئے سند کا درجہ رکھتا تھا۔ لیکن شاہراہ کے ایڈیٹر پرکاش پنڈت نے ادیبوں کے حق میں ایک حوصلہ شکن شخص تھے وہ ہمیشہ مشہور ادیبوں اور شاعروں کی تخلیقات شائع کرتے اور نئے لکھنے والوں کو اپنا معیار بلند کرنے کا مشورہ دیتے۔ اگر کوئی سادہ لوح ادیب ٹکٹ لگا ہوا لفافہ بھیجتا تو اُس کی تخلیق بن پڑھے بہ واپسی ڈاک روانہ کر دیتے۔ ستم ظریفی یہ کہ اِن زخم خوردہ ادیبوں کو یہ بھی لکھتے کہ شاہراہ کے لیے زیادہ سے زیادہ خریدار بنائیے۔ خدا خدا کر کے پرکاش پنڈت کا دور ختم ہوا اور مخمور جالندھری اور وامق جونپوری جیسے ادیب شاہراہ کے ایڈیٹر بنے تو ادیبوں کے لیے راستہ ہموار ہوا۔ حیدرآباد سے سلیمان اریب اور پٹنہ سے سہیل عظیم آبادی بھی نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنے لگے۔ رفتہ رفتہ عوض بھائی ملک کے نامور افسانہ نگاروں میں شمار ہونے لگے اور ہندوستان اور پاکستان کے رسائل میں اُن کے افسانے شائع ہونے لگے۔

عوض سعید صاحب کا تعلق بہت اچھے عرب گھرانے سے تھا۔ میں نے سُنا ہے کہ اُن کے والد سلطان مکلّا کے معتمدِ خاص تھے۔ اُن کے تین بھائی عبدالقوی، جابر بن سعید اور عبداللہ بن سعید تھے۔ یہ سب عوض بھائی سے عمر میں بڑے تھے۔ عبدالقوی صاحب جو سب سے قابل تھے عالمِ جوانی میں انتقال کر گئے تھے۔ عبدالقوی صاحب عثمانیہ یونیورسٹی کے بی۔اے تھے اور کسی اچھے سرکاری عہدے پر فائز تھے میں نے انھیں نہیں دیکھا۔ وہ اچھے شاعر تھے اور اُن کا دیوان بھی شائع ہو ا تھا۔ عوض بھائی کے دوسرے بھائی جابر بن سعید کوئی کام نہیں کرتے تھے۔ عبداللہ بن سعید پولیس میں ملازم تھے اور فٹ بال کھلاڑی تھے۔ ان تینوں بھائیوں میں محبت تھی مگر ایسی جس کا ذکر جگر مراد آبادی نے ایک شعر میں کیا ہے

جگر وہ بھی زسر تا پا محبت ہی محبت ہیں

مگر ان کی محبت صاف پہچانی نہیں جاتی

صاف پہچانا جانا تو دور کی بات ہے ان لوگوں کی محبت پہچانی ہی نہیں جا سکتی تھی۔ آپس میں نہایت سخت لہجے میں بات کرتے تھے۔ عبداللہ سعید اور جابر بن سعید تو ایک دوسرے کی طرف دیکھتے بھی نہیں تھے۔ جابر صاحب کا ذریعہ آمدنی کچھ نہ تھا اس لئے اکثر وہ کھانا کھانے کے لئے عبداللہ صاحب کے گھر چلے جاتے تھے۔ عبداللہ سعید سامنے نہیں آتے تھے لیکن انہوں نے اپنی بیگم کو ہدایت دے رکھی تھی کہ جابر صاحب جب بھی آئیں کھانا کھلائے بغیر جانے نہ دینا۔ عبداللہ بن سعید کو شاعری سے دور کا بھی لگاؤ نہیں تھا لیکن ان کو اپنے بھائی عبدالقوی کا کلام ازبر تھا ان کو یہ بھی یاد تھا کہ قوی مرحوم کی کونسی غزل یا نظم دیوان کے کس صفحے پر کس طرف درج ہے۔ مرحوم بھائی کی یاد میں انہوں نے اپنے بچے کا نام عبدالقوی رکھا تھا۔ جابر بن سعید، عبداللہ صاحب کے بچے پر جان چھڑکتے تھے۔ ہمیشہ گود میں لئے ہوئے پھرتے ان کے پاس جب کچھ پیسے ہوتے سب کے سب اس بچے پر خرچ کر دیتے۔ یہ بچہ بڑا ہو کر شعر بھی کہنے لگا اور نوجوان شعراء میں خاصا مشہور ہو گیا تھا۔ افسوس کہ اپنے تایا کی طرح عین عالم جوانی میں انتقال کر گیا۔ عوض بھائی مزاجاً تھوڑے سے introvert تھے۔ جب تک اچھی خاصی جان پہچان نہ ہو کسی سے کھلتے نہ تھے۔ اکثر محفلوں میں خاموش رہا کرتے تھے شاذ صاحب کے علاوہ ان کے اسکول کے دوستوں میں ’’انگارے’‘ کے ایڈیٹر معین فاروقی تھے جو انہیں چاند کہہ کر پکارتے تھے۔ چاند عوض بھائی کی عرفیت تھی۔

عوض بھائی کی آواز بہت اچھی تھی۔ وہ سہگل کے گانے گایا کرتے تھے۔ سی ایچ آتما کا گایا ہوا گیت ’’ پریتم آن ملو’‘ وہ اکثر دوستوں کی فرمائش پر سنایا کرتے تھے۔ ہارمونیم بجانا وہ نہیں جانتے تھے لیکن ایک مخصوص سریلی سی دھن وہ ہارمونیم پر بجا سکتے تھے۔

عوض بھائی کی حس مزاح بہت تیز تھی۔ اگر کوئی ان پر فقرہ کسان یا ان کا مذاق اڑاتا تو وہ برابر اس کا جواب دیتے تھے۔ شاذ صاحب اڈیکمیٹ میں ایک صاحب کے پاس انگریزی پڑھنے کے لئے جاتے تھے انہوں نے عوض بھائی سے کہا تم بھی چلو پہلے دن جب عوض بھائی گئے تو انگریزی کے استاد نے امتحاناً عوض بھائی سے پوچھا میں نے ایک سانپ دیکھا کا انگریزی ترجمہ کیجئے۔ حالاں کہ snake بالکل سامنے کا لفظ ہے؟ لیکن عوض بھائی کے ذہن کے نکل گیا۔ ان دنوں جوتے کی ایک پالش آتی تھی جس کا نام کوبرا تھا اور اس کی ڈبیا پر سانپ اترا ہوا ہوتا تھا۔ عوض بھائی نے کہہ دیا i saw a cobra اس پر انگریزی کے استاد بے ساختہ ہنس پڑے۔ ان صاحب کی ہنسی عوض بھائی کو اچھی نہیں لگی لیکن وہ اسے پی گئے۔ اتفاق سے اسی وقت باہر سے کسی قلعی گر کی آواز آئی۔ اس نے اپنی مخصوص آواز میں پوچھا ’’ کیا برتن قلعی کرانا ہے’‘ انگریزی کے استاد نے جواب دیا،’’ اپنا راستہ لو، یہاں دماغوں کی قلعی ہوتی ہے ‘‘عوض بھائی کی نظر اسی کمرے میں رکھے ہوئے تانبے کے برتنوں پر پڑی جن کو واقعی قلعی کی ضرورت تھی۔ عوض بھائی نے ان برتنوں کی طرف اشارہ کر کے کہا کبھی کبھی برتنوں کو بھی قلعی کرا دینا چاہئے۔ وہاں کچھ اور لوگ بھی تھے۔ سب ہنس پڑے استاد کو ناگوار گزرا لیکن وہ بھی خاموش ہو گئے۔

ملے پلی میں ایک صاحب رہتے تھے جو اپنے آپ کو علم جفر اور خوش نصیبی کے پتھروں کا ماہر سمجھتے تھے۔ ایک بار شاذ صاحب کے ساتھ عوض سعید صاحب بھی ان کے پاس گئے۔ ان صاحب نے عوض سعید صاحب کے نام کی spelling پوچھی۔ پھر فوراً کہنے لگے آپ اپنا نام اس تبدیل شدہ spelling کے ساتھ لکھئے۔ اس کے بعد کہنے لگے فلاں پتھر پہنئے آپ کی جملہ پریشانیاں دور ہو جائیں گی۔ عوض بھائی کو ان کا طرز گفتگو اچھا نہیں لگا۔ تھوڑی ہی دیر میں وہ صاحب جو خود کسی کے سہارے سے چلتے تھے عوض سعید صاحب کو اندر کے کمرے میں لے گئے جہاں کم سے کم دو سو بوتلیں پانی سے بھری ہوئی رکھی تھیں۔ وہ صاحب کہنے لگے ’’ کل رات دو بجے تک میں وظایف میں مشغول رہا اور آپ جیسے ضرورت مندوں کے لئے ان شیشوں سے پانی بھر کے دم کرتا رہا عوض سعید صاحب نے کہا آپ نا حق تکلیف کرتے ہیں۔ ایک بار **گنڈی پیٹ جا کر تالاب پر دم کر دیجئے، بوتلوں کا جھنجھٹ بھی ختم ہو جائے گا اور سارا شہر فیض یاب ہو جائے گا۔

عوض سعید صاحب کی شادی ستمبر 1960 میں سلطان بازار میں راجہ پرتاپ گیرجی کی کوٹھی میں ہوئی تھی۔ شاذ بھائی کشمیر کے مشاعرے میں گئے ہوئے تھے۔ میں اس شادی میں شریک تھا۔

عوض سعید صاحب کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ دوسروں کی خوشی سے خوش ہوتے تھے۔ کسی صاحب کی ترقی ہوئی،کسی کا لڑکا اعلیٰ نمبروں سے کامیاب ہوتا تو ایسی خبروں کو وہ نہایت مسرت سے سنتے تھے اور دوسروں کو سناتے تھے۔ شاید اللہ کو ان کی یہ ادا اتنی پسند آئی کہ ان کے بچوں نے قابل رشک ترقی کی۔

عوض سعید صاحب نہایت دلیر انسان تھے۔ اکثر ان کا بی پی اور شاید شگر بھی بڑھی ہوئی رہتی تھی لیکن وہ ایسی باتوں کو خاطر میں نہیں لاتے تھے اور مزے میں گھومتے تھے۔ اگرچہ قضا و قدر کے معاملات میں کوئی دخل نہیں دے سکتا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اگر امریکی ڈاکٹر ان کے دل کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے تو عجیب نہیں کہ وہ کچھ دن اور زندہ رہتے۔

آج عوض سعید صاحب ہم سے ہزاروں میل دور امریکہ کی خاک میں مدفون ہیں لیکن ہمارے دلوں میں اس نیک اور بے ریا انسان کی یاد تازہ ہے۔
تمہاری خوبیاں زندہ تمہاری نیکیاں باقی
***
شکریہ: روزنامہ منصف، حیدر آباد

٭٭٭ پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل : اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

عوض سعید