متفرقات و علوم

مجھے حیرانی ہے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (3,046 الفاظ)

مجھے حیرانی ہے

نعمان شوق [email protected]

میں نظمیں کیوں لکھتا ہوں

مجھے چاہئے کچھ بول
جن کا ایک گیت بن سکے
یہ گیت مجھے گونگوں کو دینا ہے
جنھیں گیتوں کی قدر معلوم ہے
لیکن جن کا
آپ کے حساب سے گانا نہیں بنتا

گر آپ کے پاس نہیں ہے کوئی بول، کوئی گیت
مجھے بکنے دیں میں جو بکتا ہوں

پاش ؔ

جنھیں کوئی خوشی نہ دے سکا انھیں دکھ دینے سے ڈرتا ہوں ۔۔۔۔۔۔ بہت بزدل ہوں میں اس لئے خودکشی نہ کر سکا۔ میں انسانوں سے دور کسی جنگل میں جا کر بس جانا چاہتا ہوں تا کہ خود کو اور اس کائنات کو اچھی طرح جان سکوں ، لیکن میں گوتمؔ نہیں بن سکا۔ان سب کے باوجود عام آدمی بن کر جینے سے مجھے ہول آتا ہے۔۔۔۔۔۔عام آدمی جو اپنی زندگی میں اپنی جیسی دو چار زندگیوں کا اضافہ کرتا ہے اور مر جاتا ہے۔ ایک عام آدمی شاعر سے زیادہ حساس اور جذباتی ہو سکتا ہے لیکن اس کے پاس خود کو ظاہر کرنے کی جرأت نہیں ہوتی یا فن نہیں ہوتا۔ شاعری شاعر کا خصوصی اختیار ہوتی ہے عام آدمی کا نہیں ۔ عام آدمی تو خود کو حالات کے مطابق ڈھال کر کشمکش سے چھٹکارا حاصل کر لیتا ہے لیکن شاعر آخری وقت تک حالات سے لڑتا ہے۔۔ انجام کی پرواہ کئے بغیر۔ میں زندہ رہنا چاہتا ہوں اپنے لکھے ہوئے لفظوں میں ۔یہی وہ للک ہے جو میری روح کے کسی کونے میں چھپی بیٹھی ہے اور بار بار لکھنے پر مجبور کرتی ہے۔
لکھنا میرا شوق نہیں میری مجبوری ہے۔ مزاجاً تنہائی پسند ہوں ۔خاص طور سے رات مجھے تخلیقی حرارت سے لبریز
کر دیتی ہے۔ تخلیق کے لمحے میں بالکل ہی اکیلا رہنا چاہتا ہوں ۔۔۔۔۔ اتنا اکیلا کہ کبھی کبھی اپنی موجودگی بھی گراں گزرنے لگتی ہے ـ۔ ہر نظم کے بعد شاعر کا نیا جنم ہوتا ہے۔ نظم مکمل ہو جانے کے بعد میں بھی خود کو بہت ہلکا محسوس کرتا ہوں ، بادلوں کے بیچ تیرتا ہوا۔ سرشاری کی یہ کیفیت کبھی کبھی اتنی شدید ہونے لگتی ہے کہ گنگنانے لگتا ہوں اپنی بے سری آواز کی پرواہ کئے بغیر۔ اپنی ہی نظم کی انگلی پکڑ کر پہروں سیر کرتا ہوں اور حیران نظروں سے دیکھتا ہوں اس دنیا کو۔
لکھتے وقت مجھے لفظوں کے لئے بہت مشقت نہیں کرنی پڑتی کیونکہ خوش قسمتی سے مجھے اردو اور ہندی دونوں زبانوں کی دھوپ چھاؤں یکساں طور پر میسر ہوئی جس کا کریڈٹ بہت حد تک میرے شہر آرہ (بہار) کو جاتا ہے جہاں مجھے دونوں زبانوں کے بہترین لکھنے والوں کا قرب حاصل رہا۔ لکھتے وقت میں گرامر اور الفاظ کے در و بست کا تو خیال رکھتا ہوں لیکن کسی بھی زبان کا کوئی مروج لفظ میرے لئے شجر ممنوعہ نہیں ۔
میں اپنے جذبات و خیالات اور محسوسات پر خود ہی سوالیہ نشان لگاتا چلتا ہوں اور ان کے جواب تلاش کرتا ہوں ۔ اپنے گرد و پیش کی مادّی ہلچل، خواب اور خواہشیں مجھے اپنا نقطہء نظر ظاہر کرنے کے لئے مجبور کرتی ہیں ۔ کسی بھی ازم سے میری کوئی وابستگی نہیں اگر ہے تو صرف اور صرف شاعری سے اسی لئے جس موضوع پر جس طرح لکھنا چاہتا ہوں لکھتا ہوں ۔ شاعری مجھے زندگی سے بھر دیتی ہے اور مجھے یہ خوش فہمی ہے کہ میں بھی شاعری کو زندگی دے رہا ہوں ۔
تشدّد، جھوٹ، عیّاری اور مکّاری سے مجھے سخت نفرت ہے۔ جہاں دوسرے شاعر اس نفرت کو بڑی تہذیب سے شائستگی اور صبر کے ساتھ ظاہر کرتے ہیں وہیں مجھ میں کمی یہ ہے کہ میں جھنجھلاتا ہوں ، غصّہ کرتا ہوں ، چیختا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ یہی شاعری ہے۔میرا ردّ عمل بہت جارحانہ اور تیکھا ہوتا ہے کیونکہ میں اپنے باطن کی کڑواہٹ کو بہت دیر تک سنبھالے نہیں رکھ سکتا۔ مجھے سرحدوں اور دائروں میں جینا پسند نہیں ۔ میں پوری انسانیت کو ایک کنبے کی شکل میں دیکھتا ہوں اس لئے مجھے بامیان میں بدھ کی مورتی توڑے جانے کی حرکت بھی اتنی ہی مذموم لگتی ہے جتنی بابری مسجد کی شہادت، ۱۱ ستمبر کا سانحہ بھی اتنا ہی غیر انسانی اور وحشیانہ لگتا ہے جتنا عراق پر حملہ، گجرات بھی اتنے ہی گہرے زخم لگاتا ہے جتنا کشمیر میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام۔
فرقہ پرستی اور فاشزم، دہشت گردی کو غذا فراہم کرتے ہیں ۔ انسانیت کا ان سے بڑا کوئی دشمن نہیں ۔ میں اپنے لفظوں کو دشمنوں سے لڑنے کے لئے اسلحہ کے طور پر نہیں استعمال کرتا بلکہ انھیں چینٹیوں کی طرح رینگنا سکھاتا ہوں تاکہ دشمن کی سونڈ میں گھس کر اس کا خاتمہ کر سکیں ۔میرا ماننا ہے کہ ان راکشسوں کو ہرا کر ہی انسانیت اپنے لئے نجات کے راستے کھول سکتی ہے۔اس نام نہاد ترقّی اور گلوبلائزیشن کے عہد میں میرے آس پاس جو کچھ رونما ہو رہا ہے خود کو اس سے الگ تھلگ رکھنا میرے بس میں نہیں البتّہ میں ایسے واقعات کو تاریخی حقائق کے طور پر نہیں بلکہ انسانی المیے کی شکل میں دیکھتا ہوں ۔
میں نے عشقیہ نظمیں نہیں لکیں کیونکہ کسی ہیرؔ کے دوپٹّے میں میرے نام کی کوئی گانٹھ نہیں لیکن عشق کا جو مکروہ اور ہیبتناک چہرہ میں نے مہانگر میں دیکھا اس کی جھلک کہیں کہیں میری نظموں میں ضرور ملتی ہے۔ جسم سے ایک نوع کی بیزاری میری فکر کو روح پر مرکوز کرتی ہے۔صارفیت نے شاعری کے منظر نامے میں جو ہلچل پیدا کی ہے وہ میرے لئے یا کسی بھی شاعر کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ یہاں رشتے ناطے، سکھ دکھ سب کسی پروڈکٹ کا روپ لے بیٹھے ہیں ۔ کب کیا کس طرح خریدا اور بیچا جا سکتا ہے، عام آدمی دھیرے دھیرے جاننے لگا ہے۔
میرا قاری بھی عام آدمی ہے، لیکن وہ عام آدمی ہرگز نہیں جو انسانوں کے اس جنگل کا حصّہ ہے۔۔۔ جس کی اپنی کوئی سوچ نہیں ، جو وقت کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالتا رہا ہے بلکہ وہ آدمی جو با شعور ہے، جس کی سوچ کا دائرہ وسیع ہے اور معیار بلند۔ بڑی اور اچّھی شاعری کی بقا کے لئے قاری کا شاعر کے ساتھ ساتھ چلنا ضروری ہے اور ہر قاری ہر شاعر کے تخلیقی سفر میں اس کا شریک نہیں ہو سکتا۔ اچھی شاعری ہر قاری سے ہم کلام نہیں ہوتی۔
میرے نزدیک اس مشکل وقت میں شاعری کرنا قبرستان میں وائلن بجانے جیسا عمل ہے۔ آج اس سے زیادہ چیلنج بھرا کوئی اور کام نہیں ۔ الکٹرانک میڈیا کی یلغار کے اس عہد میں شاعر کا اصلی سروکار یہ ہے کہ شاعری کا قاری ناپید ہوتی مخلوق کے زمرے میں آ گیا ہے۔ جنگ، دہشت گردی،صارفیت، فساد اور بے روزگاری سے نبرد آزما قاری شاعری کی طرف دیکھنا بھی پسند نہیں کرتا تا وقتیکہ یہ کسی فلم یا البم میں نیم برہنہ پریوں کے رقص کے ساتھ نہ ہو، ورنہ جہنّم میں جائے شاعر اور اس کی شاعری۔
کبھی کبھی میں مہینوں بلکہ برسوں نہیں لکھتا او ر ا گر لکھتا ہوں تو ایک دا خلی ترنگ میں جب تخلیقیت پورے ابال پر ہوتی ہے۔ لکھنے کے لئے میں خود کو کبھی بھی زبردستی تیّار نہیں کرتا۔ یہ بھی پہلے سے طئے نہیں ہوتا کہ میں کس موضوع پر لکھنے جا رہا ہوں ۔ لفظ قطب نما کی طرح دھیرے دھیرے منزلِ مقصود کی طرف اشارہ کرتے رہتے ہیں اور میں آگے بڑھتا جاتا ہوں ۔۔۔۔ پوری شدّت اور انہماک کے ساتھ۔ لکھتے وقت میں کسی خیال کو اس کے لاؤ لشکر یعنی بنیادی طور سے خیال کے ہمراہ آنے والے لفظوں کے ساتھ ہی جگہ دیتا ہوں ۔ کاٹ چھانٹ اور ترمیم و تنسیخ کا مرحلہ نظم یا غزل مکمّل ہونے کے بعد شروع ہوتا ہے اور کبھی کبھی مہینوں بلکہ برسوں ختم نہیں ہوتا۔
میں نے غزلیں بھی لکھی ہیں اور نظمیں بھی۔ اپنے ستّائیس سال کے ادبی سفر میں میں نے محسوس کیا کہ غزلیں میرے احساسِ جمال کو راس آتی ہیں اور نظمیں جلی ہوئی کھال کے جسم سے اتر جانے جیسا سکون بخشتی ہیں ۔ میرے لئے دونوں اپنی اپنی جگہ اہم ہیں ۔
عام طور سے میں تبھی لکھتا ہوں جب بے حد پریشان ہوتا ہوں ۔۔۔۔۔داخلی یا خارجی وجوہات سے۔ شاید اسی لئے میری شاعری میں خوشی، سرشاری اور اطمینان کے عناصر خال خال ہیں حالانکہ میری شدید خواہش ہے کہ میں زندگی کے ان بے اختیار لمحوں کو شاعری کے قالب میں ڈھال سکوں جن کی دھندلی سی پرچھائیں کبھی کبھی ذہن کے پردے پر تیرتی نظر آ جاتی ہے۔

نعمان شوق

Nomaan Shauque, FM Rainbow, Room No. 613, New Broadcasting House, 27 Mahadev Road, New Delhi 110001

موبائل 09810571659

مجھے حیرانی ہے

اگر صحت مند ہونے کا مطلب
ماحول کا سارا آکسیجن اپنے پھیپھڑے میں بھر کر
لافانی ہو جانا ہے
تو مجھے نہیں چاہئے یہ زندگی

اگر اپنے کھیت سینچنے کا مطلب
اوروں کو مجبور کرنا ہے
کسی بنجر ریگستان میں ریت پھانکنے کے لئے
تو میں ترجیح دوں گا بھوکا مر جانے کو

اگر امن پسند ہونے کا مطلب
دوسروں کو دہشت زدہ کر کے
خود چین کی نیند سونا ہے
تو مجھے نفرت ہے ایسے امن سے

اگر حب الوطنی
ایک سرحد میں اگے پیڑ کی
دوسری طرف پڑنے والی چھاؤں سے
نفرت کرنے کا نام ہے
تو مجھے حیرانی ہے
کہ خلاء میں چکر کاٹتے
بے شمار ستاروں اور سیّاروں سے ٹکرا کر
فنا کیوں نہیں ہو گئی یہ زمین
اب تک !!
٭٭٭

فیشن شو

ایک کے بعد ایک اپسرائیں آ رہی ہیں جا رہی ہیں

زندگی کے زخم پر مرہم لگاتی
اجنتا اور ایلورا کی گپھاؤں سے نکل کر
آ رہی ہیں
جا رہی ہیں
ریمپ پر جاری ہے ان کا کیٹ واک

ٹیلی و یزن پر نگاہوں کو جمائے میرا بیٹا
اپنے ہاتھوں میں لئے بیٹھا ہے ریموٹ
اور میں نظریں بچا کر
اس کی آنکھوں میں اترتی
اور لہراتی ہوئی پرچھائیوں کو دیکھتا ہوں
ایک ہی ٹی وی ہے گھر میں
آج کی تازہ خبر بھی دیکھنی ہے
اور پھر دفتر بھی جانا ہے۔۔۔۔۔۔۔

پرانی کیل سے لٹکی ہوئی تصویر میں دلکش اداکارہ
مسلسل مسکرائے جا رہی ہے
ہوس کے بھوت بنگلے سے
بدن کے چاند کی خوشبو مسلسل آ رہی ہے !
٭٭٭

تب صبح ہوگی

ہم اہتمام کریں گے ایک نمائش کا
جس میں پینٹنگس بنائیں گے بچے
بحری بیڑے میں شامل جہازوں
اور ٹینکوں پر
بکتر بند گاڑیوں سے
کام لیا جائیگا بیت الخلا کا
بجوکا کی طرح کھیتوں میں کھڑی ہوں گی
بندوقیں اور رائفلیں
جن پر چونچ ماریں گے کبوتر اور کوّے

تب لگے گی ہمیں یہ دنیا جینے کے لائق
جب سکھوئی اور ایف ۱۶ پر
پیشاب کریں گے آوارہ کتّے !!

تھوڑی سی
کم ہو جاتا ہے
اس کے حصّے کا آکسیجن
سڑ جاتی ہے گہرائی میں اگی گھاس

مرنے والی ہر مچھلی کے ساتھ
سوکھ جاتی ہے ندی
تھوڑی سی !
٭٭٭

ہاں مسلمان=نہیں مسلمان

وہ جو کبھی نہیں رہے مسلمانوں کے محلّے میں گندگی کے ڈر سے

احمد، محمدؐ یا علی نہیں لگایا جنھوں نے
اپنے بچّوں کے نام کے ساتھ
مکّہ یا مدینہ کی جگہ
تصویریں ٹانگ رکھی ہیں
فلمی اداکاروں یا اداکاراؤں کی
ڈرائنگ روم میں
پتہ تک نہیں
وضو کرتے وقت کتنی بار دھوتے ہیں
ہاتھ اور پاؤں
کون تھا ان کے اجداد میں
مسجد جانے والا آخری شخص
جنھیں یاد نہیں
قرآن کی ایک آیت تک

وہ جو کبھی نہیں ڈرے خدا سے بھی
دبکے پڑے ہیں آج
اپنے ہی گھر کے کسی کونے میں
اپنی پہچان ظاہر ہونے کے ڈر سے !!
٭٭٭

مجرا

کسی طوائف کے روزنامچے میں
سنہرے حروف میں لکھا جا رہا ہے
ہمارا نام !
تنزلی کے اکیسویں تہہ خانے میں ۔۔۔۔۔۔۔۔
مورّخوں کی نظر میں اکیسویں صدی کے کوٹھے پر
کلائیوں میں گجرے لپیٹے
ہم لطف لے رہے ہیں
بی بی سی اور سی ان ان کی ہائی ٹک محفل کا
جہاں سازندے لئے بیٹھے ہیں
ہارمونیم کی جگہ مشین گنیں
طبلوں کی جگہ انسانوں کے کٹے ہوئے سر۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اور ہم
مجرا دیکھ رہے ہیں !!!
٭٭٭

فریزر میں رکھی شام

تم نے
میری روح کو
اک کالے تابوت میں رکھ کر
کیلیں ٹھونکیں
جسم کو لیکن چھوڑ دیا
گھنی رات کے جنگل میں سو جانے کو

اور میں
تن کے ٹکڑے کر کے
لفظوں کے صندوق میں بھر کر
بیتے دنوں کے فریزر میں رکھ آیا ہوں
جب تم اپنی گزری شاموں کے پٹ کھولو گی
ڈر جاؤ گی !!
٭٭٭

سرحد پر

دو لاشیں
اگر دفن کر دی جائیں
ایک ہی قبر میں
تو بھی آغوش میں نہیں بھرتیں
ایک دوسرے کو

دو زندہ لوگ
اگر چاہیں تو مل سکتے ہیں
دنیا کی کسی بھی سرحد پر بنی
اونچی سے اونچی دیوار گرا کر

لیکن یاد رہے
دو قبروں کے بیچ کی دیوار
کبھی نہیں گرتی
موسلا دھار بارش میں بھی !!!
٭٭٭

لکشمن ریکھا

نہیں !
آپ نہیں سمجھا سکتے مجھے
جینے کا مطلب !

نہیں بتا سکتے
صبح اٹھ کر کتنی دور ٹہلنا
کتنی دیر کسرت کرنا ضروری ہے
تندرست رہنے کے لئے۔۔۔۔
کھانے کے لئے گوشت مناسب ہے
یا ساگ سبزیاں ۔۔۔۔۔۔
رونے کے لئے مناسب جگہ
دفتر ہے یا باتھ روم
مجھے سمجھانا مشکل ہے

کتنا مسکرانا چاہئے
کیمرے کے سامنے
اور کتنا
ایک پرانے دوست کو دیکھ کر۔۔۔۔
محبوبہ کو چاہنے سے
بڑھتا یا کم ہوتا ہے
بیوی کے حصّے کا پیار
مجھے نہیں بتایا جا سکتا

شہید کہلانے کے لئے سرحد پر مرنا ضروری ہے
ایک قبرستان کی چوکیداری کرتے ہوئے
یا پھر
مسجد ، مندر یا گرجا گھر میں
مذہبی ہونے کا ڈھونگ کرتے ہوئے
مجھے نہیں پوچھنا کسی سے

جینے کی للک
یا موت کی دہشت سے بنی لکشمن ریکھا
نہیں کھینچی جا سکتی میرے گرد

کسی تانا شاہ کے سنگھاسن پر
اپنے پاؤں رکھ کر سونے کا مطلب
جانتا ہوں میں !
٭٭٭

پیش لفظ ایک محبت نامے کا

کمرے کی سیلن سے اکتا کر
کہیں چلی گئی ہے
میرے حصے کی دھوپ
بندھن سے ڈرنے والی چڑیا
اڑ رہی ہے کھوکھلے آکاش میں ۔۔۔۔۔

اور میں !
میں تو استقبال بھی نہیں کر سکتا
کسی نئی آہٹ کا
ڈر گیا ہوں میں
آتے ہوئے قدموں کی
لوٹتی ہوئی بازگشت سے۔۔۔۔۔

میری آنکھوں میں جم گئی ہے
اداس ، لو بھری دوپہر
ہمالہ کی چوٹی پر جمنے والی برف کی طرح
میں بھول چکا ہوں
املتاس کے پھول سے اپنا پہلا مکالمہ۔۔۔۔
کمرے کے کس دروازے سے
کھڑکی سے یا روزن سے
داخل ہوئی تھی سورج کی پہلی کرن
مجھے کچھ یاد نہیں

ایک بے حد مصروف لمحے کے لئے
سنبھال رکھا تھا میں نے
بہت سارا خالی وقت
اپنی آنکھوں میں
اپنے ہونٹوں پر
اپنی بانہوں کے ٹوٹتے ہوئے گھیرے میں
بے ہنگم خوابوں کے بکھرتے دائرے میں !

کسی بسنتی جسم کے پہلے تہوار میں
ادھورا چھوڑ آیا میں اپنا رقص !
میرے عشق سے کہیں زیادہ لمبی تھی
میرے پریم پتر کی بھومیکا !!!
٭٭٭

ڈوبتی ناؤ پر

نظریات کی سیڑھیوں کے نیچے
کھدائی جاری ہے۔۔۔

پوری طاقت سے پکڑے رہئے
اپنے اپنے ملک ، مذہب اور عقیدے کے
سانپوں کی دم
جیسے پکڑے رہتے ہیں
ڈوبتی ناؤ پر سوار لوگ
ایک دوسرے کو ۔۔۔۔۔
٭٭٭

گراؤنڈ زیرو

وہاں بھی ہوتا ہے
ایک ریگستان
جہاں کسی کو دکھائی نہیں دیتی
اڑتی ہوئی ریت

وہاں بھی ہوتا ہے ایک درد جہاں تلاش نہیں کئے جا سکتے چوٹ کے نشان

وہاں بھی ہوتی ہے ایک رات جہاں جرم ہوتا ہے چاند کی طرف دیکھنا بھی

وہاں بھی ہوتی ہے ایک روشنی جہاں پابندی ہوتی ہے پتنگوں کی خود سوزی پر

وہاں بھی ہوتی ہے
ایک دہشت
جہاں ادب کے ساتھ
قاتلوں سے اجازت مانگنی ہوتی ہے
چیخنے سے پہلے

وہاں بھی ہوتا ہے
ایک سوگ
جہاں موم بتّیاں تک نہیں ہوتیں
مرنے والوں کی یاد میں جلنے
یا جلانے کے لئے

وہاں بھی ہوتا ہے
ایک ’ شونیہ‘
جہاں نہیں پہنچ پاتے
ٹی وی کے کیمرے !!
اور تالیاں ۔۔۔۔
ہر رات
ایک نئے چاند کی طرف
چہرہ کر کے سونے کی ہوس کے سوا
اور کیا ہے اقتدار
جمہوریت کے ناٹک میں

سیاست نہیں گھومتی
ابھری ہوئی چھاتیوں کے چاک پر
نہ ہی داغی جا سکتی ہے سنگھاسن کی طرف
تنی ہوئی کمان پر رکھ کر

حال کے تاریک گلیاروں سے
مستقبل کی چکاچوند تک
پہنچنے کا راستہ ڈھونڈتے ہیں
بھونڈے نقش و نگار اور
بھدّی آواز کے شور میں
اپنی محرومیوں کو چھپاتے ہیجڑے
جن کا مقدّر ہے
دھنسی ہوئی چھاتیوں پر
سپنوں کی گیند سجا کر خوش ہو جانا
پھر بھی
بہت سارے لوگ بن جاتے ہیں
ان کے حمایتی
انھیں نا پسند کرنے کے باوجود
کیونکہ
نامردوں کے ازاربند کا پھندہ بنا کر
خود کشی
کرنے سے بہتر ہے
ہیجڑوں کے ساتھ تالیاں بجاتے ہوئے
گزار دینا بچی کھچی عمر
تا کہ
جھنجھلاہٹ کے کسی حسین لمحے میں
بے لباس ہو کر دکھائی جا سکے
اپنی اوقات !!!!
٭٭٭

24جنوری1990

تم نے اندھیری رات چنی
اور رسی چنی اپنے لئے
اور میرے لئے بند کر لئے
عذابِ ماہ و سال سے
بچ نکلنے کے تمام راستے
میں نے ماں کو ماں کہا/تم سے پہلے
رو کر اور چیخ کر
میں نے توڑی خاموشی کی برفیلی چٹان
اور اپنی ہستی کا اعلان کیا
تم سے پہلے
جلتی سیخوں میں
داغا گیا میرا احساس
تم سے پہلے
آتی جاتی سانسوں نے
آگ بھری میری ہڈیو ں میں
گہری کالی رات نے
بسیرا کر لیا تھا مجھ میں
تم سے پہلے
میں نے بھی
چن رکھی تھی___ ایک رات
بھیانک، منحوس اور کالی رات
اپنے لئے
میں نے بھی
ایک رسی چن رکھی تھی
اس تنگ و تاریک گھاٹی میں اترنے کے لئے
جس میں تم اتر گئے
مجھ سے پہلے
تم میرے جیسے تھے نا!
ایک ہی مامتا کی مہربان شاخ پر
جھولے ڈالے تھے
میں نے اور تم نے
ایک سے تھے میرے اور تمہارے دکھ
میری اور تمہاری آنکھوں سے بہنے والے آنسو
اور ان آنسوؤں میں بھیگ کر
ایک سا لگتا تھا، میرا اور تمہارا چہرہ
تم میرے جیسے تھے نا!
شاید اسی لئے کسی نے آج پھر
پکار لیا ہے مجھے تمہارے نام سے
اور اچانک
خواب سے چونک پڑا ہوں میں
یا پھر کہیں ایسا تو نہیں
اپنے ہونے کے بھرم میں
تمہارے نہ ہونے پر اصرار کرتا رہا ہوں میں
تو کیا سچ مچ یہ میں نہیں
یہ میرے ہاتھ پاؤں ، آنکھیں
سب تم ہی تم ہو
تو کیا وہ میں تھا
جس نے تھوک دیا تھا اس رات
دنیا کے کریہہ چہرے پر
تو کیا وہ میں تھا
جس نے رسی کے ایک ٹکڑے سے
ناپ لی تھی اپنی بچی کھچی عمر
تو کیا تم ہو
جو اتنی رات گئے نظم لکھ رہے ہو، میرے لئے
٭٭٭

تشکر: مشرف عالم ذوقی جنہوں نے فائل فراہم کی
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مجھے حیرانی ہے