مرے خدا، مرے دل
مجید امجد
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
ابد کے سمندر کی موج
ابد کے سمندر کی اک موج جس پر مری زندگی کا کنول تیرتا ہے
کسی ان سنی راگنی کی کوئی تان
آزردہ، آوارہ، برباد
جو دم بھر کی آ کر مری الجھی الجھی سی سانسوں کے سنگیت میں چھل گئی ہے
زمانے کی پھیلی ہوئی بیکراں وسعتوں میں یہ دو چار لمحوں کی میعاد
طلوع و غروب مہ و مہر کے جادوئی تسلسل کی دو چار کڑیاں،
یہ کچھ تھرتھراتے اجالوں کا روماں
کچھ سنسناتے اندھیروں کا قصہ
یہ جو کچھ میرے زمانے میں ہے اور یہ جو کچھ کہ اس کے زمانے میں میں ہوں
یہی میرا حصہ ازل سے ابد کے خزانوں سے ہے
بس یہی میرا حصہ!
یہ صہبائے امروز، جو صبح کی شاہزادی کی مست انکھڑیوں سے ٹپک
بدرو حیات آ گئ ہے !
یہ ننھی سی چڑیاں جو چھت میں چہکنے لگی ہیں !
ہوا کا یہ جھونکا جو میرے دریچے میں تلسی کی ٹہنی کو لرزا گیا ہے
پڑوسن کے آنگن میں، پانی کے نلکے پہ یہ چوڑیاں جو چھنکنے لگی ہیں
یہ دنیائے امروز میری ہے،
میرے دل زار کی دھڑکنوں امیں ہے
یہ اشکوں سے شاداب دو چار صبحیں، یہ آہوں سے معمور دو چار شامیں !
انہیں چلمنوں سے مجھے دیکھنا ہے وہ جو کچھ کہ نظروں کی زد میں نہیں ہے
٭٭٭
حرفِ اول
دردوں کے اس کوہِ گراں سے
میں نے تراشی، نظم کے ایوان
کی اک اک سل
اک اک سوچ کی حیراں مورت۔ ۔ گرچہ قلم کی نوک سے ٹپکے
کتنے ترانے کتنے فسانے
لاکھ مسائل
دل میں رہی سب دل کی حکایت
بیس برس کی خواہشِ پیہم
سوچتے دن اور جاگتی راتیں
ان کا حاصل
ایک یہی اظہار کی حسرت!
٭٭٭
بنے یہ زہر ہی وجہِ شفا، جو تو چاہے
خرید لوں میں یہ نقلی دوا، جو تو چاہے
یہ زرد پنکھڑیاں، جن پر کہ حرف حرف ہوں میں
ہوائے شام میں مہکیں ذرا، جو تو چاہے
تجھے تو علم ہے کیوں میں نے اس طرح چاہا
جو تو نے یوں نہیں چاہا، تو کیا، جو تو چاہے
جب ایک سانس گھسے، ساتھ ایک نوٹ پسے
نظامِ زر کی حسیں آسیا! جو تو چاہے
بس اک تری ہی شکم سیر روح ہے آزاد
اب اے اسیرِ کمندِ ہوا! جو تو چاہے
ذرا شکوہِ دو عالم کے گنبدوں میں لرز
پھر اُس کے بعد ترا فیصلہ جو تو چاہے
سلام اُن پہ، تہِ تیغ بھی جنھوں نے کہا
جو تیرا حکم، جو تیری رضا، جو تو چاہے
جو تیرے باغ میں مزدوریاں کریں، امجد
کھِلیں وہ پھول بھی اک مرتبہ جو تو چاہے
٭٭٭
جب اک چراغ راہگزار کی کرن پڑے ہونٹوں کی لو لطیف حجابوں سے چھن پڑے
شاخِ ابد سے جھڑتے زمانوں کا روپ ہیں یہ لوگ جن کے رخ پہ گمانِ چمن پڑے
تنہا گلی، ترے مرے قدموں کی چاپ، رات ہر سو وہ خامشی کہ نہ تابِ سخن پڑے
یہ کس دیار کی ٹھنڈی ہوا چلی ہر موجۂ خیال پہ صد ہا شکن پڑے
جب دل کی سل پہ بج اٹھے نیندوں کا آبشار
نادیدہ پائلوں کی جھنک جھن جھنن پڑے
یہ چاندنی یہ بھولی ہوئی چاہتوں کا دیس گزروں تو رشحۂ عطرِ سمن پڑے
یہ کون ہے لبوں میں رسیلی رتیں گھلیں
پلکوں کی اوٹ نیند میں گلگوں گگن پڑے
اک پل بھی کوئے دل میں نہ ٹھہرا وہ رہ نورد
اب جس کے نقشِ کفِ پا ہیں چمن در چمن پڑے
اک جست اس طرف بھی غزال زمانہ رقص رہ تیری دیکھتے ہیں خطا و ختن پڑے
جب انجمن تموجِ صد گفتگو میں ہو میری طرف بھی اک نگہ کم سخن پڑے
صحرائے زندگی میں جدھر بھی قدم اٹھیں رستے میں ایک آرزوؤں کا چمن پڑے
اس جلتی دھوپ میں یہ گھنے سایہ دار پیڑ
میں اپنی زندگی انہیں دے دوں جو بن پڑے
اے شاطرِ ازل ترے ہاتھوں کو چوم لوں
قرعے میں میرے نام جو دیوانہ پن پڑے
اے صبح دیر خیز انہیں آواز دے جو ہیں
اک شام زود خواب کے سکھ میں مگن پڑے
اک تم کہ مرگ دل کے مسائل میں جی گئے
اک ہم کہ ہیں بہ کشمکش جان و تن پڑے
ٴ
امجد طریق مے میں ہے یہ احتیاط شرط
اک داغ بھی کہیں نہ سرِ پیرہن پڑے
٭٭٭
آورد
دھیان کا جب بھی کوئی پٹ کھولا
"میری بات نہ کہہ" دل بولا
دل کی بات کہی بھی نہ جائے
ضبط کی ٹیس سہی بھی نہ جائے
نظم میں کس کا ذکر کروں اب
فکر میں ہوں کیا فکر کروں اب
ایک عجیب الجھن میں گھرا ہوں
کیا سوچوں، یہ سوچ رہا ہوں
٭٭٭
طلوع سحر
سحر کے وقت دفتر کو رواں ہوں
رواں ہوں، ہمرہِ صد کارواں ہوں
سرِ بازار انسانوں کا انبوہ،
کسی دستِ گل اندوزِ حنا نے
زمانے کی حسیں رتھ کی لگامیں
کسی کف پر خراشِ خارِ محنت،
عدم کے راستے پر آنکھ میچے
کوئی آگے رواں ہے کوئی پیچھے
سڑک کے موڑ پر نالی میں پانی
تڑپتا تلملاتا جا رہا ہے
زدِ جاروب کھاتا جا رہا ہے
وہی مجبوری افتادِ مقصد
جو اس کی کاہش رفتار میں ہے
مرے ہر گامِ ناہموار میں ہے
کوئی پنچھی اپنے دل میں
امیدوں کے سنہرے جال بن کے
اڑ جاتا ہے چگنے دانے دنکے
فضائے زندگی کی آندھیوں سے
ہے ہر اک کو بچشمِ تر گزرنا
مجھ چل کر اسے اڑ کر گزرنا
وہ اک اندھی بھکارن لڑکھڑائی
کہ چورا ہے کو کھمبے کو پکڑ لے
صدا سے راہگیروں کو جکڑ لے
یہ پھیلا پھیلا، میلا میلا دامن
یہ کاسہ، یہ گلوئے شور انگیز
میرا دفتر، مری مسلیں، مرا میز
ابھی کمسن اس کو کیا پڑی ہے
جسے جز داں بھی اک بارِ گراں ہے
وہ بچہ بھی سوئے مکتب رواں ہے
شریکِ کاروانِ زندگانی!
یہ کیا ہے مالکِ زندانِ تقدیر!
جوان و پیر کے پاؤں میں زنجیر!
شبِ رفتہ کی یادوں کو بھلانے
دکاں پر پان کھانے آ گئی ہے
جہاں کا منہ چڑانے آ گئی ہے
ہے اس میں مجھ میں کتنا فرق! لیکن
وہی اک فکر اس کو بھی، مجھے بھی
کہ آنے والی شب کیسے کٹے گی!
چمکتی کار فراٹے سے گزری
غبارِ رہ نے کروٹ بدلی، جاگا
اٹھا، اک دو قدم تک ساتھ بھاگا
پیا پے ٹھوکروں کا یہ تسلسل
یہ پرواز بھی افتادگی بھی
متاع زیست اس کی بھی مری بھی
گلستاں میں کہیں بھنورے نے چوسا
گلوں کا رس شرابوں سا نشیلا
کہیں پر گھونٹ اک کڑوا کسیلا
کسی سڑتے ہوئے جوہڑ کے اندر
پڑا اک رینگتے کیڑے کو پینا
مگر مقصد وہی دو سانس جینا
وہ نکلا پھوٹ کر نورِ سحر
نظامِ زیست کا دریائے خونناب
پسینوں، آنسوؤں کا اک سیلاب
کہ جس کی رو میں بہتا جا رہا ہے
گداگر کا کدو بھی جامِ جم بھی،
کلہاڑی بھی درانتی بھی قلم بھی!
سحر کے وقت دفتر کو رواں ہوں
رواں ہوں ہمرہِ صد کارواں ہوں
٭٭٭
مرے خدا مرے دل!
مرے ضمیر کے بھیدوں کے جاننے والے
تجھے تو اس کی خبر ہے، مرے خدا، مرے دل
کہ میں ان آندھیوں میں عمر بھر، جدھر بھی بہا
کوئی بھی دھن تھی میں اس لہر کی گرفت میں تھا
جو تیری سوچ کی سچائیوں میں کھولتی ہے
ہے جس کی رو میں تری ضو، مرے خدا مرے دل
مرے لہو میں تری لو ہے دھڑکنوں کا الاؤ
تجھے تو اس کی خبر ہے، مرے خدا، مرے دل
کہ اس طلسم زیاں کے کسی جھمیلے میں،
ذرا کبھی جو قدم میرے ڈگمگا بھی گئے
تو اک خیال، ابد موج سلسلوں کا خیال
مرے وجود میں چنگاریاں بکھیر گیا
سنبھل کے دیکھا تو دنیا میں اور کچھ بھی نہ تھا
نہ دکھتی سانس کے ارماں، نہ جیتی مٹی کے لوبھ
نہ کوئی روگ، نہ چنتا، نہ میں، نہ میرے جتن
جو مجھ میں تھا بھی کوئی گن ترے ہی گیان سے تھا
کچھ اور ڈوب کے گہرائیوں میں جب دیکھا
تو ہر سلگتی ہوئی قدر کے مقدر میں
نہاں تھے تیرے تقاضے، مرے خدا، مرے دل
ہیں تیری کرنوں میں کڑیاں چمکتے قرنوں کی
تجھے تو اس کی خبر ہے، مرے خدا، مرے دل
کہ اس کرے پہ ہے جو کچھ بھی اس کے پہلو میں
وہ شعلے جن پہ شکن ہے، تری ہی کروٹ ہے
ترے ہی دائرے کا جزو ہیں وہ دور کہ جب
چٹانیں پگھلیں، ستارے جلے، زمانے ڈھلے
وہ گردشیں جنہیں اپنا کے ان گنت سورج
ترے سفر میں بجھے تو انہی اندھیروں سے
دوامِ درد کی اک صبح ابھری پھول کھلے
مہک اٹھی تری دنیا، مرے خدا مرے دل
گھلا ہوا مری سانسوں میں ہے سفر تیرا
تجھے خبر ہے مرے خدا، مرے دل،
کہ گو یہی میرا پیکر ضمیر خاک سے ہے
مگر اسی مرے تپتے بدن کی بھٹی سے
کشید ہوتی ہوئی ایک ایک ساعت زیست،
وہ گھونٹ زہر کاہے جو مجھی کو پینا پڑا
یہ زہر کون پیے؟ کون اپنے سینے میں
یہ آگ انڈیل کے، ان ساحلوں سے بھید چنے
جہاں پہ بکھرے ہیں صد ہا صداقتوں کے صدف!
یہ زہر کون پیے؟ کون بجھتی آنکھوں سے
غروب وقت کی خندق کے پار دیکھ سکے
جہاں ازل کے بیاباں میں عمر پیما ہے
حقیقتوں کا وہ دھارا، کہ جس کی لہروں میں آج
گلوں کا رس بھی ہے فولاد کا پسینہ بھی
مرا شعور انہی گھاٹیوں میں بھٹکا ہے
قدم قدم پر مری ٹھوکروں کی زد میں رہیں
کرخت ٹھیکریاں ان کٹھور ماتھوں کی
جو زندگی میں ترے آستاں پہ جھک نہ سکے
قدم قدم پہ سیہ فاصلوں کے سنگم پر
بس اک مجھی کو اس ان مٹ تڑپ سے حصہ ملا
تری جرس کی صدا میں ہیں رتجگے جس کے
یہی تڑپ تری کایا، یہی تڑپ، مرا انت
جو انت بھی ہو، سو ہو، میں تو مٹتی مٹی ہوں
دھڑکتی ریت کے بے انت جھکڑوں میں سدا
رواں رہیں، ترے محمل! مرے خدا، مرے دل،
تری ہی آگ کی میٹھی سی آنچ ہیں مرے دکھ
یہ راز تو ہی بتا اب، مرے خدا، مرے دل،
یہ بات کیا کہ ترے بے خزاں خزانوں سے
جو کچھ ملا بھی ہے مجھ کو تو اک یہ ریزہ درد،
ہیں جس کی جھولی میں کھلیان تیرے شعلوں کے
اور اب کے سامنے، جلتی حدوں کی سر حد ہے
ہر ایک سمت مری گھات میں ہیں وہ روحیں
جو اپنے آپ میں راکھ کا سمندر ہیں
یہ روحیں، بس بھرے، ذی جسم، آہنی سائے
انہی کے گھیرے میں ہیں اب یہ بستیاں یہ دیار
کہیں یہ سائے، جو پتھرائی آرزوؤں کو
سراب زر کی کشش بن کے گدگداتے ہیں
مری لگن کو نہ ڈسنے لگیں، میں ڈرتا ہوں
کہیں یہ سائے، یہ کیچڑ کی مورتیں، جن کے
بدن کے دھبوں پہ رخت حریر کی ہے پھبن
مری کرن کی نہ چھب نوچ لیں، میں ڈرتا ہوں
کہیں یہ آگ نہ بجھ جائے جس کے انگ میں ہیں
ترے دوام کی انگڑائیاں، میں سوچتا ہوں
نہیں، یہ ہو نہ سکے گا! جو یوں ہوا بھی تو پھر؟
نہیں ! ابھی تو یہ اک سانس! ابھی تو ہے کیا کچھ!
ابھی تو جلتی حدوں کی حدیں ہیں لامحدود،
ابھی تو اس مرے سینے کے ایک گوشے میں
کہیں، لہو کے تریڑوں میں، برگ مرگ پہ اک
کوئی لرزتا جزیرہ سا تیرتا ہے جہاں
ہر اک طلب تری دھڑکن میں ڈوب جاتی ہے
ہر اک صدا ہے کوئی دور کی صدا، مرے دل
مرے خدا، مرے دل
٭٭٭
زندگی، اے زندگی
خرقہ پوش و پا بہ گل
میں کھڑا ہوں، تیرے در پر، زندگی
ملتجی و مضمحل
خرقہ پوش و پا بہ گل
اے جہانِ خار و خس کی روشنی
زندگی، اے زندگی
میں ترے در پر چمکتی چلمنوں کی اوٹ سے
سن رہا ہوں قہقہوں کے دھیمے دھیمے زمزمے
گرم، گہری، گفتگو کے سلسلے
منقل آتش بجاں کے متصل،
اور ادھر باہر گلی میں، خرقہ پوش و پا بہ گل
میں کہ اک لمحے کا دل
جس کی ہر دھڑکن میں گونجے دو جہاں کی تیرگی
زندگی، اے زندگی
کتنے سائے محوِ رقص
تیرے در کے پردۂ گلفام پر
کتنے سائے، کتنے عکس
کتنے پیکر محوِ رقص
اور اک تو کہنیاں ٹیکے خم ایام پر
ہونٹ رکھ کر جام پر
سن رہی ہے ناچتی صدیوں کا آہنگِ قدیم
جاوداں خوشیوں کی بجتی کتگڑی کے زیر و بم
آنچلوں کی جھم جھماہٹ، پائلوں کی چھم چھم
اس طرف، باہر، سر کوئے عدم
ایک طوفاں، ایک سیل بے اماں
ڈوبنے کو ہیں مرے شام و سحر کی کشتیاں
اے نگارِ دل ستاں
اپنی نٹ کھٹ انکھڑیوں سے میری جانب جھانک بھی
زندگی، اے زندگی
٭٭٭
یہ دنیا ہے اے قلبِ مضطر سنبھل جا یہاں ہر قدم پر ہے ٹھوکر سنبھل جا
بڑے شوق سے پی مگر پی کے مت گر ہتھیلی پہ ہے تیری ساغر سنبھل جا
جہاں حق کی قسمت ہے سولی کا تختہ یہاں جھوٹ ہے زیبِ منبر سنبھل جا
قیامت کہاں کی، جزا کیا، سزا کیا ہے ہر سانس اک تازہ محشر سنبھل جا
وہ طوفاں نے پر خوں جبڑوں کو کھولا وہ بدلے ہواؤں کے تیور سنبھل جا
نہیں اس خرابات میں اذنِ لغزش یہ دنیا ہے اے قلبِ مضطر سنبھل جا ٭٭٭
کون دیس گیو
گیت
کون دیس گیو۔ ۔ ۔ ۔
کون دیس گیو۔ ۔ ۔ ۔
نیناں،
کون دیس گیو۔ ۔ ۔ ۔
رُت آئے، رُت جائے، مہاری عمر کٹے رو رو
کجرا رے، متوارے نیناں، کون دیس گیو
دیکھتے دیکھتے اس نگری میں چاروں اور نُور بہا
ایک گزرتی رتھ سے چھلکا امڈ کے جوبن، اہا، اہا
راہ راہ پہ پلک پلک نے سیس نوا کے کہا:
"بانوری لہرو
رس کے شہرو
نینو، ٹھہرو، ٹھہرو!
چھین نہ لو ان ہنستے جُگوں سے سُکھ کا
سانس اِک رہا سہا"
دھول اڑی اور پھول گرے
لمحے، خوشبوئیں، جھونکے
اُبھرے، پھیلے، گئے گئے
ایدھر دیکھیں، اودھر دیکھیں، دل کے سنگ نہ کو
کون دیس گیو
کجرا رے، متوارے نیناں، کون دیس گیو
اب ان تپتے ویرانوں میں
کانٹے چن چن پور دُکھیں
جانے تم کس پھول بھوم میں جھوم جھوم ہنسو
کون دیس گیو
کجرا رے او، متوارے او، نیناں
کون دیس گیو
٭٭٭
چاندنی میں، سایہ ہائے کاخ و کُو میں گھومیے
پھر کسی کو چاہنے کی آرزو میں گھومیے
شاید اِک بھولی تمنّا، مٹتے مٹتے جی اُٹھے
اور ابھی اس جلوہ زارِ رنگ و بُو میں گھومیے
رُوح کے در بستہ سنّاٹوں کو لے کر اپنے ساتھ
ہمہماتی محفلوں کی ہاؤ ہو میں گھومیے
کیا خبر، کس موڑ پر مہجور یادیں آ ملیں
گھومتی راہوں پہ، گردِ آرزو میں گھومیے
زندگی کی راحتیں ملتی نہیں، ملتی نہیں
زندگی کا زہر پی کر جستجو میں گھومیے
کنجِ دوراں کو نئے اِک زاویے سے دیکھیے
جن خلاؤں میں نرالے چاند گھُومیں، گھومیے
٭٭٭
کہانی ایک ملک کی
راج محل کے دروازے پر
آ کے رکی اک کار
پہلے نکلا بھدا، بے ڈھب، بودا،
میل کچل کا تودا
حقہ تھامے اک میراسی،
عمر اس کی کوئی اسی بیاسی
پیچھے اس کا نائب، تمباکو بردار،
باہر رینگے اس کے بعد قطار، قطار
عنبریار
نمبردار
ساتھ سب ان کے دم چھلے
ایم ایل اے
راج محل کے اندر اک اک رتناسن پر
کوڑھی جسم اور نوری جامے
روگی ذہن اور گردوں پیچ عمامے
جہل بھرے علامے
ماجھے، گامے،
بیٹھے ہیں اپنی مٹھی میں تھامے
ہم مظلوموں کی تقدیروں کے ہنگامے
جیبھ پہ شہد اور جیب میں چاقو
نسل ہلاکو،
راج محل کے باہر، سوچ میں ڈوبے شہر اور گاؤں
ہل کی انی، فولاد کے پنجے،
گھومتے پہیے، کڑیل باہیں،
کتنے لوگ کہ جن کی روحوں کو سندیسے بھیجیں
سکھ کی سیجیں
لیکن جو ہر راحت کو ٹھکرائیں
آگ پئیں اور پھول کھلائیں
٭٭٭
اُمّیدِ دیدِ دوست کی دنیا بسا کے ہم
بیٹھے ہیں مہر و ماہ کی شمعیں جلا کے ہم
وہ راستے خبر نہیں کس سمت کھو گئے
نکلے تھے جن پہ رختِ غمِ دل اُٹھا کے ہم
پلکوں سے جن کو جلتے زمانوں نے چُن لیا
وہ پھول، اس روش پہ، ترے نقشِ پا کے ہم
آئے کبھی تو پھر وہی صبحِ طرب کہ جب
روٹ ہے ہوئے غموں سے ملیں مسکرا کے ہم
کس کو خبر کہ ڈوبتے لمحوں سے کس طرح
اُبھرے ہیں یادِ یار، تری چوٹ کھا کے ہم
٭٭٭
دن کٹ رہے ہیں کش مکشِ روزگار میں دم گھُٹ رہا ہے سایہ ابرِ بہار میں
آتی ہے اپنے جسم کے جلنے کی بُو مجھے
لُٹتے ہیں نکہتوں کے سبُو جب بہار میں
گزرا ادھر سے جب کوئی جھونکا تو چونک کر
دل نے کہا: "یہ آ گئے ہم کس دیار میں "
اے کنجِ عافیت تجھے پا کر پتہ چلا کیا ہمہمے تھے گردِ سرِ رہگذار میں
میں ایک پل کے رنجِ فراواں میں کھو گیا
مرجھا گئے زمانے مرے انتظار میں
٭٭٭
برس گیا بہ خرابات آرزو ترا غم قدح قدح تری یادیں، سبو سبو ترا غم
ترے خیال کے پہلو سے اٹھ کے جب دیکھا
مہک رہا تھا زمانے میں سو بہ سو ترا غم
غبار رنگ میں رس ڈھونڈتی کرن تری دھن
گرفتِ سنگ مین بل کھاتی آبجو، ترا غم
ندی پہ چاند کا پرتو ترا نشان قدم خط سحر پہ اندھیروں کا رقص تو، ترا غم
ہیں جس کی رو میں شگوفے، وہ فصلِ سم ترا دھیان
ہے جس کے لمس میں ٹھنڈک، وہ گرم لُو ترا غم
نخیل زیست کی چھاؤں میں نے بلب تری یاد
فصیل دل کے کلس پر ستارہ جو ترا غم
طلوع مہر، شگفت سحر، سیاہیِ شب تری طلب، تجھے پانے کی آرزو، ترا غم
نگہ اٹھی تو زمانے کے سامنے ترا روپ
پلک جھکی تو مرے دل کے روبرو ترا غم
٭٭٭
گزرتے وقت کا چہرے پہ چہرہ دیکھ لینا
کبھی فرصت ملے تم کو تو شیشہ دیکھ لینا
ضمیرِ عہد بن کر کوئی اٹھے کا یقیناً
کسی کے سر پہ بیٹھے گا پرندہ دیکھ لینا
امیدیں غرق ہونے کی اذیت کیا بلا ہے
کنارے پر کھڑے ہو کر تماشہ دیکھ لینا
بچھڑ کر ہم سے جاؤ گے تو دعوی ہے ہمارا
کہیں ہم سا نہ پاؤ گے زمانہ دیکھ لینا
شبِ تاریک سے ہی نور پھوٹے گا سحر کا
مٹے گا آخرش غم کا اندھیرا دیکھ لینا
اگر منزل کو چھونے کی تمنا ہے ظفر تو
سفر کرنے سے پہلے رخ ہوا کا دیکھ لینا
٭٭٭
اک سانس کی مدھم لو تو یہی، اک پل تو یہی، اک چھن تو یہی
تج دو کہ برت لو دل تو یہی، چن لو کہ گنوا دو دن تو یہی
لرزاں ہے لہو کی خلیجوں میں، پیچاں ہے بدن کی نسیجوں میں
اک بجھتے ہوئے شعلے کا سفر، کچھ دن ہو اگر کچھ دن تو یہی
بل کھائے، دکھے، نظروں سے رسے، سانسوں میں بہے، سوچوں میں جلے
بجھتے ہوئے اس شعلے کے جتن۔ ہے کچھ بھی اگر کچھ دن تو یہی
میں ذہن پہ اپنے گہری شکن، میں صدق میں اپنے بھٹکا ہوا
ان بندھنوں میں اک انگڑائی۔ ۔ منزل ہے جو کوئی کٹھن تو یہی
اس ڈھب سے جئیں، سینوں کے شرر، جھونکوں میں گھلیں، قدروں میں تلیں
کاوش ہے کوئی مشکل، تو یہی، کوشش ہے کوئی ممکن تو یہی
پھر برف گری، اک گزری ہوئی پت جھڑ کی بہاریں یاد آئیں
اس رت کی نچنت ہواؤں میں ہیں، کچھ ٹیسیں اتنی دکھن تو یہی
٭٭٭
دورِ نو
زندگانی کا یہ فرسودہ نظام
آنسووں کی صبح اور آہوں کی شام
اس نظامِ کہنہ کو بدلے کوئی
سامنے وہ گوشہ بالائے بام
چند دیواریں شکستہ ناتمام
نیچے اک سونی گلی کے موڑ پر
روز اپنے دیدہ بے نور سے
ایک کھڑکی جھانکتی ہے دور سے
عمر گزری عمر گزری دیکھتے
اب وہاں چھت پر کوئی آتا نہیں
کوئی سہما سایہ لہراتا نہیں
اب کسی آنچل کا عکس بے قرار
چوم کر اونچی منڈیروں کی جبیں
سیڑھیوں میں جا کے گم ہوتا نہیں
کھائے جاتی ہیں یہ دیواریں مجھے
ان فصیلوں میں گھرا ہے چار سو
اک مرا اجڑا سا شہر آرزو
کوئی اس دنیا کا بھی بدلو نظام
سینکڑوں خفتہ زمانوں کا خروش
کلبلا اٹھا ہے ہنگامہ بدوش
دوڑتی ہیں زلزلوں کے ساز پر
ایک دورِ خونی نو کی انگلیاں
پھر بھی میرے اور تیرے درمیاں
کہنہ دیواریں ابھی موجود ہیں
کیوں مری چھوٹی سی دنیائے حزیں
اپنی قسمت کو پلٹ سکتی نہیں
کیوں نظر آتی نہیں بالائے بام
اب کسی کی جھینپتی ہستی نگاہ
کوئی بدلے اس مری دنیا کو، آہ
ابھی ابھی وہ یہیں تھا زمانہ سوچے گا
انہیں گلوں میں ہیں اس کے تبسموں کے نشاں
ابھی ابھی انہیں کنجوں میں اس کے سائے تھے
ابھی ابھی تو وہ تھا ان برآمدوں میں یہاں
کوئی یقین کرے گا اک ایسی عظمت بھی
کبھی تھی حصہ دنیا کبھی تھی جزوِ جہاں
ہمیں نے دیکھا ہے اس کو ہمیں خبر ہے وہ شخص
دلوں کی روشنیاں تھا دلوں کی زندگیاں
ہمیں خبر ہے بڑے حلم و آبرو والے
مقام تجھ سا کسی اور کو نصیب کہاں
٭٭٭
اے ری صبح
اے ری صبح کی اجلی زرق برق گزر گاہوں پر چیختی اڑتی بے بس خوشبو
یہ نفرت کی سلطنت تجھ کو بھی تو خرید سکتی تھی
تو نے یہ تو دیکھا ہوتا تیرا نظر نہ آنے والا بدن کن کن بدنوں پر لباس ہے
تجھ سے اور کیا ہو سکتا تھا
اِس طرح اب جن پیرہنوں نے تجھ کو جھٹک دیا ہے
تو نے ان کی سجل کریزوں پر یوں ٹوٹ کر گرنا ہی تھا
کیسی ہیں یہ سپردگیاں جن میں سچ کی رمزوں کی پسپائی ہے
تو نے یہ تو دیکھا ہوتا تو جن شستہ پہناووں پر یوں لہلوٹ ہے
ان سے ڈھکے ہوئے جثوں میں پل پل کیسے تریڑے پڑتے ہیں اس زرد لہو کے
جو کالے رزقوں سے کشید ہوتا ہے
اے اس دنیا کی اچھائیوں کے تت ست میں پنپنے والی روحوں کی روح
کبھی تو تو ان باغوں سے بھی گزرتی
جہاں وہ مہکتے پھول نہیں کھلتے جو دوزخوں کی ٹھنڈک ہے
٭٭٭
لاہور میں
ڈاکخانے کے ٹکٹ گھر پر خریداروں کی بھیڑ
ایک چوبی طاقچے میں کچھ دواتیں اک قلم
یہ قلم میں نے اٹھایا اور خط لکھنے لگا
پیارے ماموں جی دعا کیجے خدا رکھ لے بھرم
آج انٹرویو ہے کل تک فیصلہ ہو جائے گا
دیکھیں کیا ہو مجھ کو ڈر ہے
اِتنے میں تم آ گئیں
اک ذرا تکلیف فرما کر پتہ لکھ دیجیئے
میں نے تم سے وہ لفافہ لے لیا جھجکا نہیں
بے دھڑک لکھ ڈالا میں نے کانپتے ہاتھوں کے ساتھ
مختصر ! رنگیں پتا گلگت میں گھور خاں کے نام
شکریہ جی کیسا ! اک ہنستی نگاہ زیرِ نقاب
ڈاک میں خط ! تانگہ ٹمپل روڈ کو قصہ تمام
٭٭٭
آوارگانِ فطرت سے
بتا بھی مجھ کو ارے ہانپتے ہوئے جھونکے
ارے او سینہ فطرت کی آہِ آوارہ
تری نظر نے بھی دیکھا کبھی وہ نظارہ
کہ لے کے اپنے جلو میں ہجوم اشکوں کے
کسی کی یاد جب ایوانِ دل پہ چھا جائے
تو اک خرابِ محبت کو نیند آ جائے
ابد کنار سمندر تری حسین موجیں
الاپتی ہیں شب و روز کیسے بھیانک راز
بتا کبھی ترے طوفاں بجھا سکے ہیں وہ آگ
جو دفعتاً سلگ اٹھتی ہے دکھ بھرے دل میں
جب ایک بچھرے ہوئے کا پیام آتا ہے
کسی کا روح کے ہونٹوں پہ نام آتا ہے
حسین چاند ستاروں کی انجمن کے ایاغ
بتا کبھی تری کرنوں کے سیمگوں سائے
اک ایسے شہرِ خموشاں پہ بھی ہیں لہرائے
جہاں پہ ایک ابھاگن نے جب جلا کے چراغ
کسی کی قبر پہ مدھم سی روشنی کی ہو
تو سونے والے نے بھی جاگ کر صدا دی ہو
عمروں کے اس معمورے میں ہے کوئی ایسا دن بھی جو
روح میں ابھرے پھاند کے سورج کے سیال سمندر کو
اتنے کام ہیں ان مواج صفوں میں خوش خوش پھرتا ہوں
لیکن آج اگر کچھ اپنے بارے میں بھی سوچا تو
یہ ان جانا شہر پرائے لوگ اے دل تم یہاں کہاں
آج اس بھیڑ میں اتنے دنوں کے بعد ملے ہو کیسے ہو
دنیا جڑی تڑی سچائی سب سچے کوئی تو کبھی
اس اندھیر سے نکلے اپنے جھوٹے روپ کے درشن کو
کچی نیند اور جسم نے دھوپ چکھی اور دل میں پھول کھلے
گھاس کی سیج پہ میں ہوں تمہارے دھیان ہیں آنے والے دنو
٭٭٭
منٹو
میں نے اس کو دیکھا ہے اُجلی اُجلی سڑکوں پر اِک گرد بھری حیرانی میں
پھیلتی پھیلتی بھیڑ کے اندھے اوندھے
کٹوروں کی طغیانی میں
جب وہ خالی بوتل پھینک کے کہتا ہے :
" دنیا ! تیرا حُسن یہی بدصورتی ہے ۔ "
دنیا اس کو گھورتی ہے
شورِ سلاسل بن کر گونجنے لگتا ہے
انگاروں بھری آنکھوں میں یہ تند سوال
کون ہے یہ جس نے اپنی بہکی بہکی سانسوں
کا جال
بامِ زماں پر پھینکا ہے
کون ہے جو بل کھاتے ضمیروں کے پُر پیچ
دھندلکوں میں
روحوں کے عفریت کدوں کے زہر اندوز
محلکوں میں
لے آیا ہے یوں بن پوچھے اپنے آپ
عینک کے برفیلے شیشوں سے چھنتی نظروں
کی چاپ
کون ہے یہ گستاخ
تاخ تڑاخ ۔۔۔۔۔۔۔!
٭٭٭
دل نے ایک ایک دکھ سہا، تنہا انجمن انجمن رہا، تنہا
ڈھلتے سایوں میں تیرے کوچے سے کوئی گزرا ہے بارہا، تنہا
تیری آہٹ قدم قدم، اور میں اس معیت میں بھی رہا، تنہا
کہنہ یادوں کے برف زاروں سے ایک آنسو بہا، بہا تنہا
ڈوبتے ساحلوں کے موڑ پہ دل ایک کھنڈر سا رہا سہا، تنہا
گونجتا رہ گیا خلاؤں میں وقت کا ایک قہقہہ، تنہا ٭٭٭
چمن تو ہیں نئی صبحوں کے دائمی پھر بھی
ہے میرے ساتھ تو اب ختم قرن آخر بھی
میری ہی عمر تھی جو میں نے رائیگاں سمجھی
کسی کے پاس نہ تھا ایک سانس وافر بھی
خود اپنے غیب میں بن باس بھی ملا مجھ کو
میں اس جہاں کے ہر سانحے میں حاضر بھی
ہیں یہ کھنچاؤ جو چہرے پہ آب و ناں کے لیے
انہی کا حصہ ہے میرا سکون خاطر بھی
میں اس جواز میں نادم بھی اپنے صدق پہ ہوں
میں اس گنہ میں ہوں اپنی خطا سے منکر بھی
یہ کس کے اذن سے ہیں اور یہ کیا زمانے ہیں
جو زندگی میں مرے ساتھ ہیں مسافر بھی
ہیں تیری گھات میں امجد جو آسمانوں کے ذہن
ذرا بہ پاس وفا ان کے دام میں گر بھی
٭٭٭
جن لفظوں میں ۔۔۔۔
جن لفظوں میں ہمارے دلوں کی بیعتیں ہیں، کیا صرف وہ لفظ ہمارے کچھ بھی نہ کرنے کا کفارہ بن سکتے ہیں،
کیا کچھ چیختے معنوں والی سطریں سہارا بن سکتی ہیں، ان کا
جن کی آنکھوں میں اس دیس کی حد ان ویراں صحنوں تک ہے
کیسے یہ شعر اور کیا کی حقیقت؟
نا صاحب، اس اپنے لفظوں بھرے کنستر سے چلّو بھر کر بھیک کسی کو دے کر
ہم سے اپنے قرض نہیں اتریں گے،
اور یہ قرض اب تک کس سے اور کب اترے ہیں
لاکھوں نصرت مند ہجوموں کی خنداں خنداں خونیں آنکھوں سے بھرے ہوئے تاریخ کے چوراہوں پر
صاحبِ تخت خداؤں کی کٹتی گردنیں بھی مل کر بھی حل کر نہ سکیں یہ مسائل،
اک سائل کے مسائل
اپنے اپنے عروجوں کی افتادگیوں میں ڈوب گئیں سب تہذیبیں سب فلسفے ۔۔۔
تو اب یہ سب حرف، زبوروں میں جو مجلّد ہیں، کیا حاصل ان کا ۔۔۔
جب تک میرا یہ دکھ خود میرے لہو کی دھڑکتی ٹکسالوں میں ڈھل کے دعاؤں بھری اس اک میلی جھولی میں نہ کھنکے
جو رستے کے کنارے مرے قدموں پہ بچھی ہے!
٭٭٭
ماخذ:
http://www.urduweb.org/mehfil/forumdisplay.php?23-%D9%BE%D8%B3%D9%86%D8%AF%DB%8C%D8%AF%DB%81-%DA%A9%D9%84%D8%A7%D9%85&prefixid=majidِamjad
اور دوسری سائٹس`
مرے خدا، مرے دل
مجید امجد
جمع و ترتیب:اعجاز عبید
آورد/غزل
دھیان کا جب بھی کوئی پٹ کھولا
"میری بات نہ کہہ" دل بولا
دل کی بات کہی بھی نہ جائے
ضبط کی ٹیس سہی بھی نہ جائے
نظم میں کس کا ذکر کروں اب
فکر میں ہوں کیا فکر کروں اب
ایک عجیب الجھن میں گھرا ہوں
کیا سوچوں، یہ سوچ رہا ہوں
٭٭٭
غزل
یہ دنیا ہے اے قلبِ مضطر سنبھل جا
یہاں ہر قدم پر ہے ٹھوکر سنبھل جا
بڑے شوق سے پی مگر پی کے مت گر
ہتھیلی پہ ہے تیری ساغر سنبھل جا
جہاں حق کی قسمت ہے سولی کا تختہ
یہاں جھوٹ ہے زیبِ منبر سنبھل جا
قیامت کہاں کی، جزا کیا، سزا کیا
ہے ہر سانس اک تازہ محشر سنبھل جا
وہ طوفاں نے پر خوں جبڑوں کو کھولا
وہ بدلے ہواؤں کے تیور سنبھل جا
نہیں اس خرابات میں اذنِ لغزش
یہ دنیا ہے اے قلبِ مضطر سنبھل جا
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)