ایک اور ہی منظر
رشید ندیم
مقتدی اور امام مسجد میں لڑ رہے تھے تمام مسجد میں
سوچتا ہوں خدا کہاں ہو گا جب ہوا قتلِ عام مسجد میں
سوچتا ہوں اسے کہاں ڈھونڈوں بادشاہی یا عام مسجد میں
ڈھونڈنے ایک دن گیا تھا میں کوئی نقشِ دوام مسجد میں
گھس گیا لے کے نام اللہ کا مجھ سا بے ننگ و نام مسجد میں
مجھ سے کہنے لگا ابے شاعر تجھ سا رسوائے عام مسجد میں
اک مصلے کی اوٹ میں اس نے آ بچھایا ہے دام مسجد میں
منتظر تھا کہیں پہ میخانہ ہو گئی مجھ کو شام مسجد میں
کیوں ادھورے پڑے ہوئے ہو ندیم تم کسی ناتمام مسجد میں
میں ایسی جنت کے خواب سے تنگ آ چکا ہوں
میں مستقل اضطراب سے تنگ آ چکا ہوں
بس ایک ہلکا سا واہمہ ہے یقیں کا باقی
وگرنہ میں اس سراب سے تنگ آ چکا ہوں
میں سر اٹھاؤں تو ساری محراب ڈولتی ہے
میں اس جہانِ خراب سے تنگ آ چکا ہوں
یہ مجھ پہ چڑھ دوڑتے ہیں لے کر کتاب تیری
میں تیرے اہلِ کتاب سے تنگ آ چکا ہوں
یہ کف اڑاتے ہوئے مناظر عقیدتوں کے
میں ان کی طرزِ خطاب سے تنگ آ چکا ہوں
عذاب کی دھمکیاں سی ملتی ہیں منبروں سے
میں ذکرِ روزِ حساب سے تنگ آ چکا ہوں
میں منزلِ خیرو شر سے آگے نکل رہا ہوں
میں اس عذاب و ثواب سے تنگ آ چکا ہوں
***
نظارہ تھا اک اور ہی منظر سے نکل کر دیکھا جو سمندر کو سمندر سے نکل کر
پھرتا تھا کہیں خواب خلاؤں میں اکیلا میں گردش افلاک کے محور سے نکل کر
اب یاد نہیں رہتی مجھے وقت کی گنتی
نسیاں میں پڑا رہتا ہوں ازبر سے نکل کر
کھو جاؤں گا اک روز کسی خواب ابد میں
لیٹوں گا کف خاک پہ بستر سے نکل کر
لذت کش خمیازہ ہوں اے حسرت نا یافت
نایاب میں رہتا ہوں میسّر سے نکل کر
پھر رقص میں ہے حرف برہنہ سر محفل پابندیِ آداب کی چادر سے نکل کر
گونجا ہے ندیم اب کے بڑے زور سے سر میں
اک شورتمنّا دل خودسر سے نکل کر
***
اس دھرتی میں اپنی آنکھیں بو جائیں گے
اس مٹی میں اپنے خواب سمو جائیں گے
اس پانی پہ روح بھٹکتی رہ جائے گی ان جھیلوں میں اپنا آپ ڈبو جائیں گے
ان کمروں میں اپنی سانسیں رہ جائیں گی اس آنگن میں بادل آکر رو جائیں گے
گونجیں گے کچھ دیر کسی بے انت خلا میں
پھر اک گہرے سنّاٹے میں کھو جائیں گے
بستر سے اُٹھیں گے اک دن خاموشی سے
اور مٹی میں لمبی تان کے سو جائیں گے
***
ظلم کی حد ہوئی پھر بھی شیخ حرم بولتے کیوں نہیں
ھے اگر ان کا بھی کوئی دین اور دھرم بولتے کیوں نہیں
بولتے کیوں نہیں تیل کی دلدلوں میں دھنسے گرگسو
کیوں جھٹکتے نہیں بڑھ کے دست ستم بولتے کیوں نہیں
بولتے کیوں نہیں اہل لوح و قلم بولتے کیوں نہیں
کیا ہوا حرمت حرف حق کا علم بولتے کیوں نہیں
قافیوں اور ردیفوں میں جکڑے ہوئے شاعرو کچھ کہو
تم نے رکھنا تھا انسانیت کا بھرم بولتے کیوں نہیں
امن کی فاختہ دجلۂ خون میں آ گری ہے کہیں
دیکھتے ہیں سبھی کیا عرب کیا عجم بولتے کیوں نہیں
کتنے فرعون اس نامراد ازل جیسے آئے گئے
مٹ گئے جیسے صحرا میں نقش قدم بولتے کیوں نہیں
برج بابل پہ چڑھ کے ندیم ایک دن اُس سے پوچھوں گا میں
تم کو معصوم بچوں کے سر کی قسم بولتے کیوں نہیں
***
راز و نیاز عشق۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
بہائی شاعرہ قرة العين طاہرہ کے اشعار
گربتو افتدم نظر چہرہ بچہرہ رو برو
.... If I met you face to face…
سے متاثر ہو کر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
پھرتے تھے ہم دیوانہ خُو قریہ بہ قریہ کُو بہ کُو
اپنے وفور شوق میں اک دوسرے سے دُو بدُو
سر میں تھا شور جستجو نکتہ بہ نکتہ سر بہ سر
ڈھونڈا کئے تجھ کو سبھی کوچہ بہ کوچہ در بہ در
اک دن مگر منصور نے وہ راز افشاء کر دیا
وہ راز جو پردے میں تھا سینہ بہ سینہ دل بہ دل
یہ راز کہ موجود ہے ہر چیز میں وہ روح کُل
پھیلی ہے بس خوشبو وہی غنچہ بہ غنچہ گُل بہ گُل
ہر چیز محو رقص ہے ہر شئے میں اُس کا عکس ہے
اُس کا ہی سیل نور ہے چشمہ بہ چشمہ جُو بہ جُو
اب کس سے ہم کو بیر ہو کس سے کہیں تم غیر ہو
ھر شخص اپنے یار سے ملتا ہے بالکل ہو بہو
جو بھی صحیفہ ہے کہیں اُس حسن کی تفسیر ہے
اُس زلف کی زنجیر ہے گیسو بہ گیسو خم بہ خم
راز و نیاز عشق میں سب کی نماز عشق میں
سجدہ بہ سجدہ صف بہ صف ذرّہ بہ ذرّہ مُو بہ مُو
ھر موج ھست و بود میں قطرہ بہ قطرہ یم بہ یم
آواز کُن آتی ہوئی لحظہ بہ لحظہ دم بہ دم
حیرت سرائے آب و گل پھیلی ہوئی ہے چار سُو
ہر سُو ترا دیدار ہے چہرہ بہ چہرہ رُو بہ رُو
سب ترے بادہ گلفام سے نکلے ہوئے ہیں
جتنے نشّے ہیں ترے جام سے نکلے ہوئے ہیں
جس طرف دیکھیں ترے اسّم کا پھیلا ہے طلسّم
نام جتنے ہیں ترے نام سے نکلے ہوئے ہیں
ہم بھی کرتے ہیں شب و روز اُسی گھر کا طواف
ھاں فقط جامہ احرام سے نکلے ہوئے ہیں
ڈھونڈنے اُٹھے ہو اب سانجھ سویرے جس کو
ڈھونڈنے ہم بھی اُسے شام سے نکلے ہوئے ہیں
تری دہلیز پہ ہی آ کے کریں گے سجدہ
سب کے سب تیرے در و بام سے نکلے ہوئے ہیں
سارے آزادہ و خود بیں ہیں گرفتار ترے
پر سمجھتے ہیں ترے دام سے نکلے ہوئے ہیں
اپنی اس کفر کی تہمت کو بچا کر رکھ لے
ناصحا ہم ترے اسلام سے نکلے ہوئے ہیں
بھول جاتے ہیں کسی عالم حیرت میًں ندیم
ورنہ گھر سے تو کسی کام سے نکلے ہوئے ہیں
***
میں ایسی جنت کے خواب سے تنگ آ چکا ہوں
میں مستقل اضطراب سے تنگ آ چکا ہوں
بس ایک ہلکا سا واہمہ ہے یقیں کا باقی
وگرنہ میں اس سراب سے تنگ آ چکا ہوں
میں سر اٹھاؤں تو ساری محراب ڈولتی ہے
میں اس جہانِ خراب سے تنگ آ چکا ہوں
یہ مجھ پہ چڑھ دوڑتے ہیں لے کر کتاب تیری
میں تیرے اہل کتاب سے تنگ آ چکا ہوں
یہ کف اڑاتے ہوئے مناظر عقیدتوں کے
میں ان کی طرزِ خطاب سے تنگ آ چکا ہوں
عذاب کی دھمکیاں سی ملتی ہیں منبروں سے
میں ذکرِ روزِ حساب سے تنگ آ چکا ہوں
میں منزلِ خیرو شر سے آگے نکل رہا ہوں
میں اس عذاب و ثواب سے تنگ آ چکا ہوں
***
کبھی آیت کبھی تفسیر میں الجھے ہوئے ہیں
ہم ابھی اپنی اساطیر میں الجھے ہوئے ہیں
کوئی آئینِ قدامت ہمیں گھیرے ہوئے ہے
ہم پرانی کسی تحریر میں الجھے ہوئے ہیں
تو کبھی مسجد و محراب سے باہر بھی نکل
ہم ترے خواب کی تعبیر میں الجھے ہوئے ہیں
زلفِ ایام سلجھتی ہی نہیں ہے ہم سے
یوں تری زلفِ گرہ گیر میں الجھے ہوئے ہیں
ہم زیاں کارِ ازل دشمنِ فہم و تحقیق
ہم ابھی شکوہِ تقدیر میں الجھے ہوئے ہیں
ابھی باقی ہے یہاں کوئے ملامت کا طواف
ہم ابھی تہمتِ تکفیر میں الجھے ہوئے ہیں
کیسے ناکردہ گناہوں کی سزا ہے ہم کو
جانے کس جرم کی تعزیر میں الجھے ہوئے ہیں
کوئی صورت نہیں امکانِ رہائی کی ندیم
جانے کس حلقۂ زنجیر میں الجھے ہوئے ہیں
***
کوئی فرصت برسر ہنگام رکھتی ہے مجھے اور اسیر گردش ایام رکھتی ہے مجھے
کوئی دیوار شکستہ یا شکستہ پا کوئی
شئے کوئی گرتی سنبھلتی تھام رکھتی ہے مجھے
ایک آسانی کے ہاتھوں سخت دشواری میں ہوں
ایک راحت ہے کہ بے آرام رکھتی ہے مجھے
اک غرور تشنگی سرشار رکھتا ہے مجھے پیاس کوئی بے نیاز جام رکھتی ہے مجھے
اک اسیری ہے کہ مجھ کو چھوڑ رکھتی ہے کھُلا
ایک آذادی کہ زیر دام رکھتی ہے مجھے
قطرہ شبنم کی صورت ہوں کف گُل پہ ندیم
کوئی آہٹ لرزہ بر اندام رکھتی ہے مجھے
***
اسیرِ لذت آزار کیوں رہتا ہوں اتنا
میں آخر درد کو درکار کیوں رہتا ہوں اتنا
غرورِ تشنگی سے پیاس بجھ جاتی ہے شائد
میں پیاسا ہوں مگر سرشار کیوں رہتا ہوں اتنا
یہ مجھکو کیسہ خالی پہ اتنا ناز کیوں ہے
میں پھر بھی بر سرِ بازار کیوں رہتا ہوں اتنا
وہ یار کم سخن میرا یہ مجھ سے پوچھتا ہے
کہ میں یوں در پئے اظہار کیوں رہتا ہوں اتنا
یہ کیا ہے کہ جسے بھی ٹوٹ کر میں چاہتا ہوں
اسی سے برسرِ پیکار کیوں رہتا ہوں اتنا
یہ دل بس فرصتِ نظارگی کیوں چاہتا ہے
میں آخر تشنہ دیدار کیوں رہتا ہوں اتنا
نہ جانے کیا ہے میرے جسم کے زنداں سے باھر
میں وقفِ روزنِ دیوار کیوں رہتا ہوں اتنا
اشارے کر رہی ہے کیا کوئی نادیدہ منزل
سفر کے واسطے تیار کیوں رہتا ہوں اتنا
ندیم آنا نہیں ہے اس نے گر بہر ِ عیادت
تو پھر میں آئے دن بیمار کیوں رہتا ہوں اتنا
***
نوٹ: ابھی دو سال پہلے کی بات ہے. امی کی وفات کے بعد میری چھ سالہ بیٹی فرناز جو کہ اپنی دادی امی کی بہت چہیتی اور لاڈلی تھی ایک دن مجھے افسردہ دیکھ کر یہ کہ کر تسلی دے رہی تھی کہ ابو آپ کو پتہ ہے جو لوگ فوت ہو جاتے ہیں وہ آسمان کے ستارے بن جاتے ہیں اور اوپر سے ہمیں دیکھتے رہتے ہیں.فرناز کی اس بات سے متاثر ہو کر یہ اشعار ہوئے. آج مدرز ڈے ہے. امی بہت یاد آ رہی ہیں. اسی لئے آپکی خدمت میں پیش کر رہا ہوں
کسی تارے کسی مہتاب میں ڈھل جاتا ہے یا مرے دیدہ پُر آب میں ڈھل جاتا ہے
دیکھتے دیکھتے ان آنکھوں سے چہرہ کوئی
جانے کس حلقہ گرداب میں ڈھل جاتا ہے
ساتھ رہتا ہے کوئی مَوجِ نفس کی صورت
اور پھر لمحہ نایاب میں ڈھل جاتا ہے
ماں بھی اک روز ہمیں چھوڑ کے چل دیتی ہے
یہ نگینہ بھی کسی آب میں ڈھل جاتا ہے
چھین لیتا ہے کوئی دستِ دعا بھی ہم سے
اور کوئی خلوتِ محراب میں ڈھل جاتا ہے
کوئی سورج کی طرح رکھتا ہے روشن ہم کو
اور پھر اپنی تب و تاب میں ڈھل جاتا ہے
جاگتا ہے کوئی راتوں کو ہماری خاطر
اور پھر نیند کے سیلاب میں ڈھل جاتا ہے
پہلے ہوتا ہے نگاہوں سے وہ اوجھل کچھ دیر
پھر وہی شخص کسی خواب میں ڈھل جاتا ہے
ایک دریا ہے جو گرتا ہے سمندر میں کہیں
اک سمندر کسی پایاب میں ڈھل جاتا ہے
گیت جو کانوں میں رَس گھولتا رہتا ہے ندیم
کیوں وہی گریہ خونناب میں ڈھل جاتا ہے
***
رہ میں ہوں عالمِ سکرات تلک پہنچا ہوں
میں ابھی تیرے مضافات تلک پہنچا ہوں
ابھی موہوم مجسّم نہیں ہونے پایا میں فقط رمز و کنایات تلک پہنچا ہوں
رازِ سربستہ کُھلے گا کہیں آگے جاکر میں ابھی تیرے طلسمات تلک پہنچا ہوں
اور کچھ دیر میں الہام کی بارش ہو گی
میں ابھی شورِ مناجات تلک پہنچا ہوں
راہ سے خود کو ہٹایا ہے تو آیا ہوں یہاں
اک نفی سے کسی اثبات تلک پہنچا ہوں
تھی یہی راہ جہاں اہل خرد بھٹکے تھے
میں جہاں کشف و کرامات تلک پہنچا ہوں
راہ پامال سے آگے مجھے جانا ہے ندیم
میں ابھی سیرِ سماوات تلک پہنچا ہوں
***
میں پوچھتا تھا اُس سے کہ کیا ہے مرا وجود
انسان ہے کہ کوئی خدا ہے مرا وجود
بولا یہ کائنات تری میرا جسم ہے پوچھا مرا وجود کہا ہے مرا وجود
لکھا ہے ریشہ ہائے بدن پر اُسی کا نام کوئی طلسم اسم وفا ہے مرا وجود
نخل نوا پہ برگ ثنا کی طرح ہوں میں بس ایک حرف کُن کی صدا ہے مرا وجود
گو میں اسیر پنجہ لیل و نہار ہوں لیکن خرام باد صبا ہے مرا وجود
دل ہے اُسی کے عشق کا آتش فشاں ندیم
طاق ابد پہ جس نے دھرا ہے مرا وجود
***
مرے گماں کو یقین ہے بھی اور نہیں بھی ہے
کہ وہ یہیں پہ کہیں ہے بھی اور نہیں بھی ہے
نہ وہ حجاب سے آگے نہ اُس کے آگے حجاب
مگر وہ پردہ نشیں ہے بھی اور نہیں بھی ہے
مکاں میں رہتے ہوئے لا مکاں کی صورت ہے
وہی جو مجھ میں مکَیں ہے بھی اور نہیں بھی ہے
وہ بے کنار سہی مجھ سے ہمکنار بھی ہے
وہ کم کنار کہیں ہے بھی اور نہیں بھی ہے
کھلے جو آنکھ کبھی اس جگہ سمندر ہو
تو یہ کھلے کہ زمیں ہے بھی اور نہیں بھی ہے
ندیم اپنے ہی احساس کا جہنم ہے
کہو تو خلدِ بریں ہے بھی اور نہیں بھی ہے
***
جتنی چاہو سہل انگاری کر لینا مگر اس میں بھی فنکاری کر لینا
موجِ مَے میں دل کا حال سنا دینا نشے میں اتنی ہوشیاری کر لینا
کبھی نہ سیدھا لینا سیدھے سادھے کو پیدا کوئی ناہمواری کر لینا
جب مٹی کے شور میں دب کر رہ جائو اس دن تھوڑی بادہ خواری کر لینا
درد بدوش نہ پھرنا درد کے موسم میں اتنی سی تو پردہ داری کر لینا
پہلے اس کو ہنسی خوشی رخصت کرنا بعد میں بیٹھ کر آہ و زاری کر لینا
رات کو لکھنا حرفِ سحر آثار کوئی راکھ میں یوں پیدا چنگاری کر لینا
اپنی بات پہ پکے رہنا اندر سے باہر باہر ظاہر داری کر لینا
امن و امان سے رہنے کی کوشش کرنا وقت پڑے تو مارا ماری کر لینا
ایسے شعر پہ مجھ سے داد نہ دی جائے تم سے ہو تو یہ عیاری کر لینا
اپنے جھوٹ بھی خوشخط لکھنا مرے ندیم
کانٹوں پر بھی کچھ گلکاری کر لینا
***
*** ماخذ: کتاب چہرہ (ٰFacebook) تدوین اور ای بک: اعجاز عبید
منظر پس منظر
حیدر قریشی
تصویر کا ایک اوررُخ آئندہ امکانات
نومبر۲۰۰۳ء
عالمی صورتحال اتنی گنجلک ہوتی چلی جا رہی ہے کہ پیش آمدہ صورتحال کی روشنی میں مستقبل کی کوئی حتمی بات کرنا مشکل ہو گیا ہے۔تاہم اپنی سمجھ کے مطابق مجھے جو نقشہ دکھائی دے رہا ہے اور اس میں امکانات کے جتنے مختلف پہلو ہیں،انہیں بیان کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
پہلی جنگِ عظیم کے بعد سے قائم عالمِ عرب کا موجودہ نقشہ سلطنتِ عثمانیہ کے زوال کے نتیجہ میں امریکہ اور یورپ کا بنایا ہوا نقشہ ہے۔بعد میں چند ممالک سوویت یونین کے حلقہ میں چلے گئے لیکن بیشتر عالمِ عرب امریکہ اور مغرب کے حلقۂ اثر میں رہا۔بہت کم لوگوں کو یاد رہ گیاہوگا کہ ارضِ حجاز کے بادشاہ شریف حسین کو ہٹا کر اور ارضِ حجاز کو سعودی عرب میں بدل کر جب سعودی حکمرانوں کو مکہ،مدینہ کا اقتدارسونپا گیا تھا تب سعودی عرب کا پہلا وزیرِ خارجہ ایک انگریز کو بنایا گیا تھا۔ اس لئے یہ ذہن میں رکھنا چاہئے کہ ان سارے عرب بادشاہوں کی بادشاہتوں کے قیام و استحکام میں مغرب کا عمومی طور پر اور امریکہ اور انگلینڈ کا خصوصی طور پر بنیادی کردار رہا ہے۔ موجودہ سعودی عرب کے دو اہم خطوں ارضِ نجد اور ارضِ حجازمیں اسلامی فکر کی تعبیر و تشریح میں بہت زیادہ فکری بُعد تھا۔نجد کا علاقہ امام محمد بن عبد الوہاب کے افکار کے زیرِ اثر تھا جبکہ ارضِ حجاز میں سوادِ اعظم کا رجحان نمایاں تھا۔ جب عرب ممالک میں نئی مملکتیں بنائی گئیں ،اور نئی اکھاڑ پچھاڑ ہوئی تب سوادِ اعظم سے تعلق رکھنے والے شریف حسین کو مکہ ،مدینہ سے نکال کر سعودی خاندان بر سرِ اقتدار آگیا۔اس خاندان کی بادشاہت کو سب سے پہلے امریکہ اور انگلینڈ نے تسلیم کیا ۔اس ایک بڑی مثال سے یہ بتانا مقصود ہے کہ اس وقت پھر جو نئے سرے سے اکھاڑ پچھاڑ ہونے لگی ہے تو اس کی محرک بھی وہی ’’بادشاہ گر‘‘ قوتیں ہیں جو گزشتہ ایک صدی سے یہ کام کرتی آرہی ہیں۔
سعودی خاندان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد ’’شرک کا خاتمہ‘‘ کرنے کے دعووں کے ساتھ وہاں بہت سے ایسے اقدامات کئے گئے جو سوادِ اعظم اور اہلِ تشیع دونوں کی دلآزاری کا باعث تھے۔جیسے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں قبروں کے تعویز ہٹا کر انہیں بے نام و نشان کردینے کے اقدامات۔۔۔پھر وہاں اپنے مسلک کے پرچار کے ساتھ دوسرے اسلامی مسالک کے لئے راہیں بند کر دی گئیں۔یہ ویسا ہی اقدام تھا جیسا عقیدہ کے طور پر افغانستان میں طالبان نے اختیار کیا تھا۔ اور جو طالبان کی فاش غلطیوں میں سے ایک غلطی تھا۔اسی غلطی کا نتیجہ ہے کہ اب امریکہ کو شمالی اتحاد کے لوگ آسانی سے مل گئے ہیں۔ یہ الگ بات کہ وہ امریکہ کے لئے مفید ثابت ہوتے ہیں یا نہیں۔۔۔اس بات کو فی الحال یہیں چھوڑتے ہوئے ذرا ان مسائل کو ایک اور زاویی سے دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اگر تھوڑا سا پلٹ کر دیکھیں توبیسویں صدی کے آغاز پردنیا بھر میں عالمِ اسلام کے پاس صرف دو تین آزاد ریاستیں تھیں ۔بیسویں کے نصف تک آتے آتے دنیا میں آزاد مسلم ممالک کی تعداد ۵۰ تک پہنچ گئی۔ذرائع وسائل کے لحاظ سے عرب ممالک تو تیل کی دولت سے اتنے مالا مال تھے کہ ساری دنیا کے مسلمانوں کی کفالت ہی نہیں کر سکتے تھے بلکہ انہیں اقتصادی طور پر خود کفیل بنا سکتے تھے۔ لیکن کسی نے منظم منصوبہ بندی کے تحت ایسا کچھ نہیں کیا۔بس خیرات کے طور پر ہر آنے والے اور مانگنے والے کو بھر دیا اور لینے والے نے بھی اپنی ذات سے آگے کچھ نہیں دیکھا۔ان کے برعکس امریکہ اور انگلینڈ کی ذہانت دیکھیں کہ انہوں نے نہ صرف ان عرب ممالک کی سیاسی سرپرستی کی بلکہ ان کے سارے تعمیراتی منصوبے بھی اپنے ہاتھ میں لے لئے،انہیں ہر قسم کی اہم ٹیکنالوجی سے محروم رکھ کر محض اپنا صارف بنائے رکھا۔ ان کی ساری دولت اپنے ملکوں کے بنکوں میں ریزرو کرتے گئے اور اب یہ حالت ہے کہ سردی سے بچنے والے بدو کے اونٹ کی طرح امریکہ اور انگلینڈ پورے عربی خیمے میں گھس گئے ہیں اور عربی بدو اب باہر پڑا ٹھٹھررہا ہے۔
عالمِ اسلام کی مجموعی حالت کا اندازہ کرنے کے لئے اگر سعودی عرب اور پاکستان کی حکومتوں(عرب و عجم) کومثالی نمونے مان لیا جائے تو اس سے صورتحال کافی حد تک واضح ہو سکتی ہے۔ان دونوں ملکوں کے معاملات میں زیادہ گہرائی میں جانے کی ضرورت نہیں صرف سامنے کے دو محکموں کی کار کردگی سے ہی بہت کچھ سمجھ میں آجاتا ہے۔دونوں ملکوں کا ٹریفک کا نظام اور دونوں ملکوں کی پولیس کا نظام۔۔دونوں نظام مل کر نظامِ حکومت کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔ دونوں ملکوں کی ٹریفک کا نظام افراتفری اور نفسانفسی کا مظہر ہے جبکہ پولیس کے دو کام ہیں ایک حکمرانوں کے ذاتی اقتدار کا مکمل تحفظ اور دوسرا اپنے ہی عوام کی تذلیل۔۔۔قانون کی حکمرانی کے لمبے چوڑ ے دعوے تو موجود ہیں لیکن عملاًایسا کچھ بھی نہیں ہے۔
ان کے بر عکس امریکہ اوردوسرے مغربی ممالک میں بھی پولیس اور ٹریفک کے دو محکموں کی کار کردگی سے ہی ان سارے ممالک کی مجموعی حالت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔قانون کی خلاف ورزی کوئی بڑے سے بڑا اعلیٰ عہدیدار کرے اسے اسی طرح قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جیسے کسی بھی عام شہری کو کرنا پڑتا ہے۔ان ملکوں کی پولیس کے پاس بے پناہ اختیارات ہیں لیکن ان کی پولیس کا عمومی رویہ قانون کے مطابق اپنے فرائض ادا کرنا ہی ہے۔اسی لئے کسی بھی عام شہری کو کسی پولیس مین یا ان کے اعلیٰ افسر سے بات کرتے ہوئے کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔
امریکہ نے تیسری دنیا یا اسلامی دنیا کے ساتھ جو کچھ بھی کیا ہے،وہ سب اپنی جگہ لیکن خود اپنے شہریوں کے ساتھ اس کا رویہ ان کی عزت نفس کا احترام کرنے کا ہی نہیں بلکہ ان کی عزت نفس کی حفاظت کرنے کا بھی ہے۔اس ایک بنیادی فرق سے ہی اسلامی ملکوں کے حکمرانوں اور اور مغربی دنیا کے حکمرانوں کے فرق کو سمجھا جا سکتا ہے۔
اب صورتحال یوںدکھائی دیتی ہے کہ امریکہ مشرقِ وسطیٰ کے نقشے کو تبدیل کرنے پر تلا ہوا ہے۔اس نقشے کی تبدیلی میں اگرچہ ایک بڑا ٹارگٹ تو مکہ ،مدینہ جیسے مقدس ترین مقامات پر قبضہ کرنا ہی ہے لیکن امریکہ کو بخوبی علم ہے کہ ابھی اس کے لئے ایسا کرنا مشکل ،بہت ہی مشکل ہے۔افغانستان اورعراق کی مزاحمتی قوتوں نے امریکہ کو زک پہنچانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس سے بھی امریکی توجہ اصل اہداف سے دور رہے گی۔تاہم اگر اس مزاحمت کو کمزور کر دیا گیا تو پھر امریکہ اپنے پروگرام کی طرف بڑھنا شروع کر سکتا ہے۔سعودی حکمران چونکہ امام محمد بن عبدالوہاب کی فکر کے ترجمان ہیں ، اس لئے ان کا پتہ کاٹنے کے لئے امریکہ اب لازماََ وہاں سوادِ اعظم سے تعلق رکھنے والوں کو آگے لانے کی کوشش کرے گا۔ لیکن سوادِ اعظم میں بھی دو بڑے طبقے ہیں۔یوں تو بہت سارے فرقے خود کو حنفی العقیدہ کہتے ہیں اور ان کا کسی نہ کسی رنگ میں امام ابوحنیفہ کے مسلک سے تعلق بھی بنتا ہے تاہم دو بڑے طبقے بریلوی اور دیوبندی مانے جا سکتے ہیں۔ ان میں سے دیوبندی مسلک کے لوگ حنفی ہوتے ہوئے بد رسومات سے بیزاری کے رویی کے باعث وہابی مسلک سے کافی قریب ہوجاتے ہیں۔ مذہبی طور پر جماعت اسلامی اور اسی انداز کی دوسری اسلامی جماعتیں بھی وہابی مسلک سے فکری طور پر نسبتاََ قریب ہیں۔ ان سارے گروپوں کے گزشتہ تیس چالیس برسوں سے سعودی حکومتوں سے نیازمندانہ مراسم ہیں اور سعودی حکومت کے لئے یہ لوگ ایک حد تک قابلِ قبول رہے ہیں۔ اہلِ تشیع کا معاملہ ایک تیسرے فریق کے طور پر سامنے آتا ہے جو سعودی عرب کے مشرقی منطقہ میں آج بھی عددی اکثریت کے حامل ہیں۔دمام،انخرج ،خطیف اورنجران کے علاقے شیعہ آبادی پر مشتمل ہیں۔عراق اور شام میں بھی ان کی بڑی تعداد موجود ہے ۔
اب امریکہ کا ہاتھ پڑتا ہے تو اس کی کوشش یہ رہے گی کہ سوادِ اعظم میں جو طبقے وہابی مسلک سے نسبتاً قریب ہیں انہیں درمیان میں لا کر اپنی مرضی کے ناگوار فیصلے منظور کرائے جائیں ۔اس میں تیل کے پسندیدہ ذخائر تک رسائی سب سے بڑا مقصد رہے گا۔ اسی لئے اب امریکہ ایک طرف پاکستان میں ’’ایم ایم اے‘‘ میں طالبان کے دوست اورسابق سرپرست گروپوں سے لے کر طالبان کے بعض اہم رہنماؤں تک سے اندر خانے بات کر رہا ہے اور اس کے لئے وقتاََ فوقتاََ مختلف دباؤ بھی ڈالتا رہتا ہے تاکہ بات چیت نتیجہ خیز ہو سکے۔تودوسری طرف ایسا کچھ نہ ہونے کی صورت میں سعودی عرب کا نقشہ تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔عرب دنیا کا نقشہ بدلنے کا عمومی تہیہ کر لیا گیا ہے جس میں عراق کے حصے بخرے کرنے کے ساتھ بعض خلیجی ریاستوں کی توڑ پھوڑ بھی شامل ہے۔تاہم ان میں سب سے زیادہ تکلیف دہ اور خطرناک اقدام اس سرزمین کی توڑ پھوڑ ہو گا جو مکہ ،مدینہ جیسے مقدس ترین مقامات کی سر زمین سعودی عرب ہے۔کیونکہ مکہ،مدینہ کے بارے میں اسرائیلی عزائم اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے۔
امریکہ نے تھوڑا سا بتا کر اور تھوڑا سا چھپا کر اپنے ان عزائم کو ظاہر کر دیا ہے۔بلکہ ’’چھپانے اور بتانے ‘‘کے ایسے عمل کے دوران سعودی عرب کے تین چار حصوں میں ایسی تقسیم کی بات کی جا چکی ہے۔ایک حصہ مکہ اور مدینہ کے لگ بھگ پانچ سو کلو میٹر رقبہ پر مشتمل کرکے سوادِ اعظم کے سپرد کر دیا جائے ،ایک حصہ جو شیعہ اکثریتی علاقہ ہے وہاں شیعہ عوام کو ’آزادی‘ دلا دی جائے۔ جبکہ نجد کا پرانا علاقہ یا تو موجودہ سعودی خاندان کے بعض شہزادوں کو دے دیا جائے یا وہاں بھی اپنی مرضی کے لوگ لا ئے جائیں ۔اس تقسیم میں ابھی مزید ردو بدل ہو سکتا ہے۔ اس سارے کھیل میں سب سے حساس معاملہ مکہ،مدینہ کے مقدس مقامات کی عزت اور سلامتی کا ہے۔ان کو چھیڑنے سے پوری دنیا میں ہنگامہ برپا ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر سوادِ اعظم کے ’’وہابی مخالف‘‘طبقات کو یہاں آگے لایا گیا تو اس طرح ممکن ہے کہ عالمی سطح پر مسلمان کوئی بڑا احتجاج نہ کر پائیں۔کیونکہ ایسی صورت میں پہلے منظم طور پر سعودی حکمرانوں کی ’’شرک ‘‘کے خلاف ان کاروائیوں کو مشتہر کیا جائے گا جو گزشتہ پون صدی سے وہاں جاری و ساری ہیں(اور جن میں سے بعض بلاشبہ بہت تکلیف دہ بھی ہیں)ایسی صورت میں سعودی خاندان کو ہٹانے کا امریکی کھیل عراق کے مقابلہ میں زیادہ کامیاب ہو سکتا ہے۔یہ جو اَب مکہ، ریاض،جدہ اوردوسری سعودی شہروں میں بم دھماکوں کی کاروائیاں شروع ہوئی ہیں،انہیں لاکھ القاعدہ یا دہشت گردوں کے کسی گروہ سے جوڑا جائے،بے شک اس میں مقامی لوگ ہی شامل ہوں لیکن ان کے پسِ پشت لازمی طور پر امریکہ موجودہے۔وہی یہ کاروائیاں کروا رہا ہے۔یہ سعودی عرب کے نقشہ میں تبدیلیوں کے لئے کی جانے والی سازشوں کی ابتدائی کاروائی ہے۔۔۔مستقبل قریب میں مزید اور مختلف قسم کے اقدامات سامنے آسکتے ہیں ۔منصوبہ بندی میں بعض تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔
گزشتہ نصف صدی سائنسی ایجادات و انکشافات کا حیرت انگیز دورانیہ تھا۔معلوم انسانی تاریخ میں اتنی برق رفتار اور حیران کن ترقیات ہوئیں ۔ اسی عرصہ میں ۵۰ سے زائد مسلمان ملک آزاد ہو چکے تھے۔لیکن ہمارے حکمرانوں نے گزشتہ نصف صدی سے اپنی قوم ا ور اپنے ملک کی ترقی کے لئے عمومی طور پر بھی کچھ نہیں کیا چہ جائیکہ جدید علوم کے حوالے سے کوئی اہم پیش رفت کی ہوتی۔ مسلم ممالک میں کوئی ٹھوس اور موثر ربط باہم نہیں رہا۔ تمام مسلم ممالک میں کوئی اتحاد اور دوستی تو کیا ہو پاتی،الٹا انتشار و افتراق کے کئی مناظر دیکھنے میں آتے رہے۔اور اب شاید ان سارے نصف صدی کے گناہوں کی قیمت ادا کرنے کا وقت قریب آگیا ہے۔امریکہ یا اسرائیل وہی کچھ کر رہے ہیں جو ان کی کتابوں میں ان کے لئے خوشخبریاں درج ہیں اور وہی کچھ کر رہے ہیں جو ان کے قومی مفاد کے مطابق ہے۔۵۰ سے زائد اسلامی ممالک کے حکمرانوں نے تو نصف صدی سے زائد عرصہ تک اپنے ذاتی مفاد کے علاوہ کچھ سوچا ہی نہیں۔انہوں نے تو یہی دیکھنے کی ضرورت محسوس نہیں کی اگر یہودیوں کی کتابوں میں لکھی باتیں ان کے لئے آج پوری ہو رہی ہیں تو ہم اتنا ہی دیکھ لیتے ہیں کہ ہمارے لئے ہماری کتابوں میں کوئی خاص انتباہ تو درج نہیں ہیں،تاکہ ان کی روشنی میں اپنی اصلاح کر لیں۔ قرآن مجید سے لے کر احادیث مبارکہ تک اور بعد کی بعض کتب میں بھی ایسے انتباہ اور انذاردرج تھے لیکن سب نے ان سے اغماض برتا اور اب تو شاید یومِ حساب قریب آگیا ہے۔ امریکی صدر بُش اگلا الیکشن ہار جائیں تب بھی امریکی پالیسی میں بنیادی تبدیلی کے امکانات بہت کم ہیں ۔اس لئے صدر بُش کی شکست کی امید پر خوش ہونے سے زیادہ اپنے آنے والے دنوں کی فکر کرنا زیادہ بہتر ہے۔
عرب ممالک اور دیگر اسلامی ممالک پر ابھی بہت کڑے وقت آنے والے ہیں۔اگرچہ اب کافی تاخیر ہو چکی ہے تاہم اپنی اجتماعی غلطیوں اور گناہوں کا احساس کرکے ان کی معافی خدا سے تو مانگی جا سکتی ہے۔
مجھ کو معلوم ہیں پیرانِ حرم کے انداز
ہو نہ ا خلاص تو دعویٰ نظر لاف و گزاف
اور یہ اہلِ کلیسا کا نظامِ تعلیم
ایک سازش ہے فقط دین و مروت کے خلاف
اس کی تقدیر میں محکومی و محرومی ہے
قوم جو کر نہ سکی اپنی خودی سے ۔انصاف
فطرت افراد سے اغماض بھی کر لیتی ہے
کبھی کرتی نہیں ملت کے گناہوں کو معاف
(علامہ اقبال )
***
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)